اردو شاعری و کلام

شام شفق تنہائی

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (12,909 الفاظ)

شام، شفق، تنہائی

خالد علیم

انتساب

ہمشیرہ مرحومہ کے نام
جو 29 اکتوبر 1998ء کو ٹریفک کے حادثے میں
انتقال کر گئیں

آنکھوں میں ترا عکس جمال آ جائے
سورج کو بھی ادھر زوال آ جائے
پھر تو ہی بتا کہ کیا کروں، مجھ کو اگر
چلتے چلتے ترا خیال آ جائے

بازیافت

ہمارے ارد گرد مسلسل شکست و ریخت کا عمل جاری ہے- تہذیبی، ثقافتی، سماجی، مذہبی اور سیاسی قدروں کی توڑ پھوڑ نے ہماری ذات کی اکائی کو بھی توڑ کر رکھ دیا ہے- ہم زندگی کے ان گنت خانوں میں تقسیم ہو کر رہ گئے ہیں- ہمارا سفر مرکزیت سے لا مرکزیت کی طرف بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے اور اس میں ہم نے اپنے بے ڈھب قدموں سے اتنی دھول اڑائی ہے کہ ہمارے پیچھے چلنے والے تو بے چارے راہ ناآشنا ہو ہی چکے ہیں، ہمیں خود اپنی پہچان نہیں رہی- اور اب ہم شاید ایسی جگہ پہنچ چکے ہیں، جہاں سے ہمیں خود سے آگے جانے والے قافلوں کا سراغ نہیں ملتا کہ ہم نے اپنے بے ڈھب سفر کی دھن میں ان کے قدموں کے نشان مٹا دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، سو، اب ہم نے اپنی تساہل پسندی سے رفتگاں کی تلاش کا عمل ہی ترک کر دیا ہے-
بے مقصد سفر میں اٹھنے والا ہمارا ہر قدم ہمیں ایسے مقام پر لے جانا چاہتا ہے جو ہمارے تہذیبی و فطری مزاج کے یکسر خلاف ہے- اس لحاظ سے دیکھا جائے تو ہم اپنے آپ سے بغاوت کر کے ان سمتوں کے سفر پر آمادہ ہیں جن کا تعین ہماری ذہنی، تہذیبی اور سماجی شکست و ریخت سے ہوا ہے- یہ شکست و ریخت اتنی تیزی سے ہو رہی ہے کہ ہمارا ادراک اس کی تیز رفتاری کو گرفت میں لانے سے قاصر ہے- ہم کبھی کبھی اس پہلو پر وجدانی طور پر محسوس کر کے آگے گزر جاتے ہیں اور کوئی چیز ہمارے ہاتھ آتے آتے رہ جاتی ہے- اور اگر کبھی گرفت میں آ بھی جائے تو ریزہ ریزہ ہو کر بکھر جاتی ہے- شاید ہماری مٹھیاں اپنے ہی نیزوں سے چھلنی ہو چکی ہیں-
یوں لگتا ہے کہ ’’چلو تم ادھر کو ہوا ہو جدھر کی‘‘ کے اصول پر کاربند ہو کر ہم نے خود کو بادبانوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے- ہم میں اب وہ دم خم نہیں رہا کہ سمندروں کے سینوں کو چیریں اور صحراؤں کی دھول چھان کر کوہ ندا کی خبر لائیں کہ ہم نے دوسروں کے لیے اپنی جان کو ہلاکت میں ڈالنا چھوڑ دیا ہے-
اپنی کوتاہیوں کو دوسروں کے کھاتے میں ڈال دینا بہت آسان ہے، اور اپنی خامیوں پر نظر رکھنا اور اس کے اسباب و محرکات کو کھوجنا مشکل ترین امر ہے- یہ تبھی ممکن ہے جب ہمارے اندر دریافت کا عمل شروع ہوگا---- لیکن ہم نے یہ عمل چھوڑ دیا ہے- یہ عمل ذات کے حوالے سے ہو یا اشیائے عالم کے حوالے سے، اس میں جگر کا خون پانی ہو جاتا ہے اور آنکھ کی بینائی زائل ہونے کا اندیشہ لاحق رہتا ہے- کبھی کبھی --- کبھی کبھی نہیں بلکہ اس عمل میں اکثر خود کو گم کرنا پڑتا ہے تب کہیں جا کر اپنی دریافت کا سفر شروع ہوتا ہے اور پھر یہ سفر، اگر ارادے توانا ہوں تو اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک سینوں میں جاری رہنے والا سانسوں کا سلسلہ ٹوٹ نہ جائے اور آدمی بے دم ہو کر نہ گر جائے-
بازیافت کا عمل شاید دریافت کے عمل سے بھی زیادہ مشکل ہے کہ یہ عمل زندگی کی سچائیوں کو ہمارے سامنے آئینہ کر سکتا ہے جب کہ ہمیں ان سچائیوں کو محسوس کرنے سے خوف آتا ہے- اس لیے ہمیں کہانیوں پر زیادہ یقین ہے حالانکہ کہانیاں بھی انھی سچائیوں سے جنم لیتی ہیں ، لیکن کہانیاں ہمیں محض اس لیے اچھی لگتی ہیں کہ ہمارے اندر بسنے والا طلسم ان کی طلسماتی فضا کا اسیر ہے اور خواب نگر کے رہنے والے شہزادے کی خواہشوں کو باب تکمیل کی تسخیر میں ہمکنار دیکھنے کا آرزو مند--- اس طلسماتی فضا میں خواب نگر کے اس شہزادے کے طویل اور جانکاہ سفر میں ہم اس کی کامیابی کی خواہش تو رکھتے ہیں لیکن اس کا ہم سفر ہونا ہمارے بس میں نہیں کہ یہاں پھر وہی خوف ہماری رگیں کھینچنے لگتا ہے --- اعتبار اور بے اعتباری کے درمیان کا خوف --- ہونے اور نہ ہونے کے بیچ میں اترنے والی بے سمتی کا خوف- اس خوف نے ہم پر لرزہ طاری کر رکھا ہے- مخالف سمتوں سے آنے والا لشکر ظلمات ہمارے دل کی سرحدوں پر آ بیٹھا ہے اور ہم کچھ ہونے سے پہلے ادھ موئے ہو چکے ہیں---ہمیں کچھ نہیں سوجھتا --- ہمیں کچھ نظر نہیں آتا-
مگر اس کے باوجود آخر وہ کیا ہے؟ جو ہم نے دیکھا اور آنکھیں بند کر لیں- وہ سب کیا ہے؟ جو ہم نے سنا اور کانوں میں انگلیاں ٹھونس لیں- سچائی کی آنکھ سے دیکھا جائے تو وہ ہمارے اصل احساسات کا نمائندہ ہے- ہم جو کچھ لکھنا چاہتے ہیں، جو کچھ کہنا چاہتے ہیں، یہ اس کو اپنی میزان میں تول کر تخلیق کے سانچے میں ڈھالتا ہے، اور تب ہم پر اپنی تلاش کا عمل آسان دکھائی دینے لگتا ہے- اسی لیے خود کو پا لینے کی جستجو میں انشراح ذات کا عمل وجود میں آتا ہے-
میرے خیال میں شاعری اسی انشراح ذات کا ذریعہ ہے، جس سے اپنی پہچان کا اصل سفر شروع ہوتا ہے اور ہم اپنی ذات سے لے کر اپنے چارسو کی تلخ و شیریں سچائیوں کو لمحہ لمحہ محسوس کرتے ہوئے زندگی آمیز حقیقتوں کا ادراک حاصل کرتے ہیں- اپنے جوہر خاص کی بازیافت کے لیے پہلے اپنی ذات ہی کا شعور ضروری ٹھہرتا ہے جو ہمیں لا مرکزیت سے مرکزیت کی طرف لانے کا امکان پیدا کرتا ہے-
شاید اسی امکان کی تلاش میں آج سے بائیس سال پہلے میرا شعری سفر ایک خاموش اور تنہا مسافر کی طرح شروع ہوا- تاہم اس مجموعے میں جو کچھ شامل ہے، پچھلے دس سال کی غیر مسلسل تخلیقی کاوشوں کا انتخاب ہے- غیر مسلسل اس لیے کہ آج کا تخلیقی منظر نامہ تخلیق کے جن محرکات کا متقاضی ہے، اس سے میں اپنی کم آمیزی کے باعث اگرچہ صد فی صد الگ تھلگ رہا، تاہم غیر شعوری طور پر اس منظر نامے کے دل آویز عکس میری تخلیقی جہتوں پر اثر انداز ضرور ہوئے ہیں اور میں اپنے قافلے سے جدا ہو کر بھی فکری و ذہنی اعتبار سے اس کا ہم سفر رہا ہوں- اس ہم سفری میں ، میں نے کتنے پائیدار یا نا پائیدار نقوش تراشے ہیں، اس کا فیصلہ تو آپ کریں گے- میں تو صرف یہ کہوں گا کہ جو کچھ میں نے لکھنا چاہا، اسے اپنے دل کی آواز بنانے کی کوشش ضرور کی ہے ---فیصلہ تو آپ ہی نے کرنا ہے-
خالد علیم
6 جولائی 1991ء

نئی اشاعت

اس مجموعہ کی پہلی اشاعت ’’کوئی آنکھ دل سے بھری رہی‘‘ کے نام سے غزلوں ، نظموں اور رباعیات پر مشتمل تھی- اس اشاعت کے وقت رباعیات کا مجموعہ ’’تمثال‘‘ اگرچہ ترتیب دیا جا چکا تھا اور اس کا اشتہار بھی ایک دو ادبی پرچوں میں شائع ہوا، تاہم ’’کوئی آنکھ دل سے بھری رہی‘‘ کی اشاعت میں تقریباً ایک صد رباعیات کا انتخاب محض اس لیے شامل کر لیا گیا کہ ’’تمثال‘‘ کی اشاعت بعض وجوہ کی بنا پر مؤخر ہو رہی تھی - اب جبکہ اس کی اشاعت اپنی اولیں صورت گری کے ساتھ عنقریب متوقع ہے تو ’’کوئی آنکھ دل سے بھری رہی‘‘ کی ترتیب میں بھی تبدیلی کر دی گئی ہے- اس تبدیلی کے اثرات مجموعے کے نام میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں-
اب یہ مجموعہ ’’شام، شفق، تنہائی‘‘ کے نام سے (ترمیم و اضافہ کے ساتھ) غزلوں اور نظموں پر مشتمل ہے- نئی غزلوں کو مجموعے کے شروع میں رکھا گیا ہے جبکہ کچھ نظموں کا اضافہ آخر میں کر دیا گیا ہے- اس طرح ’’کوئی آنکھ دل سے بھری رہی‘‘ کی مجموعی حیثیت تبدیل بلکہ منسوخ ہو چکی ہے ، لہٰذا ’’شام، شفق، تنہائی‘‘ غزلوں اور نظموں پر مشتمل کلام کی اشاعت میرے پہلے مجموعۂ کلام ہی کی نئی اشاعت تصور کی جائے-
آخر میں اپنے دوستوں سعد اللہ شاہ، ثنا اللہ شاہ اور خزینۂ علم و ادب کے مہتمم جناب محمد نذیر صاحب کا شکریہ مجھ پر واجب ہے کہ جن کی محبتوں کے طفیل اس مجموعہ کی نئی اشاعت ممکن ہوئی-
خالد علیم
یکم اکتوبر 2001ء

نارسائی

بنایا دشت میں خوشبو نے راستا بھی تو کیا
کہ آندھیوں کے مقابل چلی ہوا بھی تو کیا
ٹھہر ٹھہر کے سلگتا ہوا شرارۂ جاں
جلا کے پیرہن خاک بجھ گیا بھی تو کیا
کہیں ہوا نہ سبک سار عکس آئنہ ساز
خود اپنی تاب سے آئینہ جل اٹھا بھی تو کیا
ملی نہ اس کو تگ و دَو کی گرمیِ آفاق
لہو بدن کی رگوں میں رواں ہوا بھی تو کیا
وہ سیل موج کہ اپنے حصار میں گم ہے
سمندروں کی تہوں سے ابل پڑا بھی تو کیا
بقدر رنگ نمو ہے فقط مہک اُس کی
’’نفس کے زور سے وہ غنچہ وا ہوا بھی تو کیا
جسے نصیب نہیں آفتاب کا پرتو‘‘

غزلیں

امکانِ سفر کا استعارہ روشن
کچھ دور تھا شام کا ستارہ روشن
قدموں میں لہر لہر پیمائش تھی
اور آنکھ میں دوسرا کنارہ روشن

گرفتِ خاک سے باہر مجھے نکلنے دے
اے دشت خواب مجھے دو قدم تو چلنے دے
جو ہو سکے مرے اشکوں کو منجمد مت کر
ہوائے شہر خرابی مجھے پگھلنے دے
اے دشت شام کی پاگل ہوا بجھا نہ مجھے
نواحِ شب میں کوئی تو چراغ جلنے دے
نہ روک مجھ کو کہیں بھی تو اے ستارۂ ہجر
میں چل پڑا ہوں، کوئی راستہ نکلنے دے
وہ قطرہ قطرہ سحر آنکھ میں طلوع تو ہو
اے ماہِ شب، نم شبنم میں مجھ کو ڈھلنے دے
اسے کہو، نہ ابھی بال و پر کشادہ کرے
ابھی کچھ اور ہواؤں کو رخ بدلنے دے

اک انتخاب وہ یادوں کے ماہ و سال کا تھا
جو حرف ابر زدہ آنکھ میں ملال کا تھا
شکست آئنۂ جاں پہ سنگ زن رہنا
ہنر اسی کا تھا، جتنا بھی تھا، کمال کا تھا
یہ دیکھنا ہے کہ کھل کر بھی بادباں نہ کھلے
تو اس سے کتنا تعلق ہوا کی چال کا تھا
قبائے زخم کی بخیہ گری سے کیا ہوتا
مرے لہو میں تسلسل ترے خیال کا تھا
پرانے زخم بھی خالد! مرے، ادھیڑ گیا
جو ایک زخم، کف جاں پہ پچھلے سال کا تھا

دامن چاک ہی اے ہم نفساں ایسا تھا
رات ایسی تھی کہاں، چاند کہاں ایسا تھا
ہم ہواؤں کو لیے پھرتے تھے زنجیر بکف
رات اس دشت کی وحشت پہ گماں ایسا تھا
دل کہاں بوجھ اٹھاتا شب تنہائی کا
یہ ترا قرب جدائی مری جاں ایسا تھا
قدم اٹھتا ہی نہ تھا گو کہ زمیں پاؤں میں تھی
آسماں بھی تو مرے سر پہ گراں ایسا تھا
رہ گئے کٹ کے ترے ہجر کے گرداب میں ہم
ورنہ یہ زور سمندر میں کہاں ایسا تھا

ٹوٹ کر جو کف مژگاں پہ بکھر جاتا ہے
وہ تعلق تو رگ جاں میں اتر جاتا ہے
ریزہ ریزہ جو کیا خود کو، چلو ہم نے کیا
ورنہ الزام تو یہ بھی ترے سر جاتا ہے
اے مرے عکس فراموش ذرا سوچ کہ کیوں
آئنہ دیکھ کے صورت تری ڈر جاتا ہے
اس سے کس بات کا شکوہ، وہ مرے پاس کبھی
آ تو جاتا ہے، مری آنکھ تو بھر جاتا ہے
چھوڑ جاتا ہے مرا جسم، مری جاں لے کر
جاتے جاتے وہ کوئی کام تو کر جاتا ہے
وہ کہ آتا تھا بچھڑنے کو مگر اب خالد
مجھ کو مجھ سے ہی جدا کر کے گزر جاتا ہے

گزارتے ہیں یہ دن بھی ترے ملال میں ہم
کہ لے کے پھرتے ہیں ماضی کو اپنے حال میں ہم
اب آنکھ میں کوئی آنسو، کوئی ستارہ نہیں
کچھ ایسے ٹوٹ کے روئے ترے وصال میں ہم
جو اپنے عہد زیاں کا حساب تازہ کرے
وہ لفظ لائیں کہاں سے تری مثال میں ہم
گزشتگاں کا بھی آئندگاں سے ربط رہے
بندھے ہوئے تو ہیں زنجیر ماہ و سال میں ہم
عروج کا کوئی لمحہ کہاں سے نکلے گا
رکے ہوئے ہیں کسی عہد کے زوال میں ہم
وہ عکس ہے پس منظر سے پیش منظر تک
سو دیکھتے ہیں اسے اپنے خد و خال میں ہم

سیل گریہ ہے کوئی جو رگ جاں کھینچتا ہے
رنگ چاہت کے وہ آنکھوں پہ کہاں کھینچتا ہے
دل کہ ہر بار محبت سے لہو ہوتا ہے
دل کو ہر بار یہی کار زیاں کھینچتا ہے
شاید اب کے بھی مری آنکھ میں تحریر ہے وہ
لمحۂ یاد کوئی حرف گماں کھینچتا ہے
ایک بے نام سی آہٹ پہ دھڑکتا ہوا دل
عکس تیرا ہی سر شیشۂ جاں کھینچتا ہے
جا چکا ہے وہ مرے حال سے باہر پھر بھی
اپنی جانب مرے ماضی کے نشاں کھینچتا ہے
تیر نکلے گا تو سوچیں گے، ابھی تو خالد
وہ فقط میری طرف اپنی کماں کھینچتا ہے

مرے چہرے کے پیچھے عکس اس کا جاگتا ہے
کہ آئینے میں اک منظر پرانا جاگتا ہے
ذرا تم چاند کی مشعل کو گل کرنے سے پہلے
فلک پر دیکھنا لینا، کوئی تارا جاگتا ہے؟
یہ آنسو رک سکیں تو روک لو، بہتر یہی ہے
جب آنسو خشک ہو جائیں تو دریا جاگتا ہے
اچانک داستان وصل اس نے ختم کر دی
فقط یہ دیکھنے کو، کون کتنا جاگتا ہے
فضا خاموش ہے اور رات کے بستر پہ خالد
زمیں سے آسماں تک کوئی گریہ جاگتا ہے

اے ہوا بتا مجھ کو کیوں یہ دل دھڑکتا ہے
راستہ تو چپ چپ ہے، دیکھ! کون آیا ہے

سوچتے تو رہتے ہیں پھر بھی کب یہ سوچا ہے
حرف حرف سوچوں میں کون جاگ اٹھتا ہے؟

گرم گرم سانسوں میں نرم نرم ہونٹوں میں
کوئی آنچ رہتی ہے، کوئی غم پگھلتا ہے

برف برف لہجوں میں، سرد سرد جذبوں میں
میں سلگ سا اٹھتا ہوں، جب بھی تو اترتا ہے

آئنے میں پھر کوئی عکس ہے مگر اے دل!
دیکھ، دیکھتا کیا ہے؟ آئنہ اسی کا ہے

دھول اڑتی پھرتی ہے دور دور تک کوئی اک نیا مسافر ہے، راستہ پرانا ہے

لہر لہر دریا کے تیز رو بہاؤ میں کیا خبر ابھی مجھ کو کتنی دور جانا ہے

ڈھونڈتے ہو تم کس کو خالی خالی آنکھوں سے
وہ تو سامنے خالد، دوسرا کنارا ہے

وہ کفِ جاں پہ رگِ جاں کی طرح رہتا ہے
اس تعلّق پہ بھی امکاں کی طرح رہتا ہے
میں تو بس خاک ہوں،اور خاک سے تجسیم مری
اور وہ ماہِ زر افشاں کی طرح رہتا ہے
دیکھتا ہے نہ دکھاتا ہے کوئی عکس اپنا
آئنہ وصلِ گریزاں کی طرح رہتا ہے

کسی کے سامنے مت اپنا دل نکال کے رکھ
یہ دشتِ خواب ہے، اپنے قدم سنبھال کے رکھ
ستارے کارگہِ آسماں میں ڈھلتے ہیں
کبھی کبھی سرِ مژگاں انھیں اجال کے رکھ
نکھار حجلۂ جاں میں گزشتگاں کے نقوش
چراغ، طاقِ تمنا میں ماہ و سال کے رکھ

بہت دنوں سے ہوں خالد اسیر حلقۂ خواب
خبر نہیں کہ کہاں ختم ہو یہ قصۂ خواب
شکست تار رگ جاں ہے زیر و بم دل کا
سکوت شب میں کہیں مرتعش ہے نغمۂ خواب
ہوائے شام نے اس کو بجھا دیا خالد
مری نگاہ پہ جب بھی کھلا دریچۂ خواب

کسی ہجر کی رات کا کوئی منظر اٹھائے ہوئے
ہوا رُک گئی سر پہ بادل کا بستر اٹھائے ہوئے
مری آنکھ کے شہرِ بے خواب کو دیکھنے کے لیے
نکل آیا سورج مرے سر پہ پھر سر اٹھائے ہوئے
مجھے گھر سے باہر نکلنے کا رستہ تو معلوم تھا
کھڑا تھا مگر گھر کی دیوار کو در اٹھائے ہوئے
کبھی میں بھی تھا پیش رو اس کی منزل کا منزل سے دور
اور اب اپنی منزل پہ ہے وہ مرے پر اٹھائے ہوئے
مرے ساتھ کچھ دیر میرا وہ نا محرمِ چشم و دل
مرے گھر تک آ تو گیا تھا مگر سر اٹھائے ہوئے
وہ کیا رات تھی آنکھ میں آ گیا دل اچھلتا ہوا
کفِ جاں پہ اپنے لہو کا سمندر اٹھائے ہوئے
اٹھائے نہ اپنے گنہگار ہاتھوں میں پتھر کوئی
مگر کیا ہوا آ گئے سب ہی پتھر اٹھائے ہوئے
وہ خالد مرے رُو برو آ گیا آئنے کی طرح
مگر میں کہ اپنے ہی ہونے کا تھا ڈر اٹھائے ہوئے

کیا ضروری ہے وہ ہم رنگِ نوا بھی ہو جائے
تم جدھر چاہو، ادھر کو یہ ہوا بھی ہو جائے
اپنے پر نوچ رہا ہے ترا زندانیِ دل
اسے ممکن ہے رہائی کی سزا بھی ہو جائے
دل کا دامانِ دریدہ نہیں سلتا تو میاں
بھاڑ میں جائے اگر چاک ردا بھی ہو جائے
تم یقیں ہو تو گماں ہجر کا کم کیا ہوگا
چشمِ بے خواب اگر خواب نما بھی ہو جائے
کہیں ایسا نہ ہو، اس ڈوبتے خورشید کے ساتھ
تیری آواز میں گم میری صدا بھی ہو جائے
ہم اسیرِ دل و جاں خود سے بھی سہمے ہوئے ہیں
خلقتِ شہر تو ہونے کو خدا بھی ہو جائے
مجلسِ شاہ کے ہیں سارے مصاحب خاموش
ہم نوا دل کا امیر الامرا بھی ہو جائے

میری وحشت کے لیے چشمِ تماشا کم ہے
اور اگر دیکھنے لگ جائے تو دنیا کم ہے
ٹھہر اے موجِ غمِ جاں رگِ جاں کے اندر
تیری پرسش کو مری آنکھ کا دریا کم ہے
کس سے ہم جا کے کہیں قصۂ ویرانیِ دل
ہر کوئی کہتا زیادہ ہے تو سنتا کم ہے
رہروِ عشق تو بس چلتا ہے دوچار قدم
اور یہ دوچار قدم بھی کوئی چلتا کم ہے
کیسے تصویر کریں تیرے خد و خال کو ہم
تجھ کو سوچا ہے زیادہ، تجھے دیکھا کم ہے
دیکھنا، ہجر کے اس دشتِ بلا سے آگے
اک سفر اور ہے، ہر چند کہ رستا کم ہے
کارِ دنیا ہی سے فرصت نہیں ملتی خالد
ورنہ یہ کارِ محبت بھی مجھے کیا کم ہے

دل آزردہ بھی کیا خوش نظری رکھتا ہے
اپنی ہر رات ستاروں سے بھری رکھتا ہے
چارسو ایک وہی دور زماں ہے درپیش
طائرِ جاں وہی بے بال و پری رکھتا ہے
میری مٹی کو لیے پھرتا ہے گردش میں ابھی
جیسے دل بھی ہنر کوزہ گری رکھتا ہے

حادثہ یہ ہے کہ اک حادثہ ہونا ہے ابھی
آنکھ اسے ڈھونڈ رہی ہے جسے کھونا ہے ابھی
عکس تعبیر کوئی اے مرے آئینۂ خواب!
آخری نیند مجھے جاگ کے سونا ہے ابھی
گر رہے ہیں رگ احساس میں قطرہ قطرہ
مجھ کو پلکوں پہ ستاروں کو پرونا ہے ابھی
میری آواز کی تہ میں وہ اترتا کیسے
میں جنوں سوزِ محبت، اسے ہونا ہے ابھی
اس نے جو میری محبت کے صلے میں بخشا
اپنے دل پر وہی پتھر مجھے ڈھونا ہے ابھی
فصل کو کاٹنے آ پہنچا ہے وہ زود اندیش
اور میں حیراں ہوں، اسے بیج تو بونا ہے ابھی
یہ ضروری ہے کہ خالد اسے پانے کے لیے
کچھ نہ کچھ اپنی خبر میں تجھے ہونا ہے ابھی

بے تعلق میں خود اپنے ہی گھرانے سے ہوا
اور یہ سانحہ دیوار اٹھانے سے ہوا
میری مٹی تھی کہاں کی تو کہاں لائی گئی
بے زمیں میں جو ہوا بھی تو ٹھکانے سے ہوا
کام جتنا تھا محبت کا، محبت نے کیا
جتنا ہونا تھا زمانے سے، زمانے سے ہوا
میری رسوائی کا سامان نہ ہوتا لیکن
تیری آواز میں آواز ملانے سے ہوا
تم لیے پھرتے ہو کیا ڈوبتے سورج کا ملال
وہ اندھیرا جو ستاروں کے بجھانے سے ہوا؟
اتنا بے کیف مری آنکھ کا منظر تو نہ تھا
خالد اس شخص کو آئینہ دکھانے سے ہوا

یادوں کی وادیوں میں نہ اتنا بھی رَم کرو
خالد حسابِ دیدہ و دل کچھ تو کم کرو
ہر چند آبدیدہ سہی دل کا آئنہ
یہ تو نہیں ضروری کہ آنکھیں بھی نم کرو
یہ بھی نہیں ضروری کہ اب اپنی جان پر
جو کچھ گزر چکا ہے، سپردِ قلم کرو
اب یہ بھی کیا ضروری ہے اے رہروانِ عشق
منزل پہ لے بھی جائیں، جنھیں ہم قدم کرو
اب اس قدر بھی کیا ستم اے کشتگانِ عشق
جو عمر بچ رہی ہے اسے وقفِ سم کرو
ہاں، تہ رکھو حکایت سود و زیانِ عشق
اندھی ہوا میں بجھتے دیے کا نہ غم کرو
کچھ اور تیز کار زمانہ کچھ اور تیز
کم کم کرو یہ کارِ جنوں اور کم کرو
خاکِ قدم سرشت ہے کیا آدمی کی خاک
آتا ہے سر کی سمت، جسے محترم کرو

یہ حکم ہے کہ غمِ کشتگاں نہ رکھا جائے
بچے ہوؤں کا بھی کوئی گماں نہ رکھا جائے
جو فیصلہ ہی ہمارے خلاف ہونا ہے
تو فیصلے میں ہمارا بیاں نہ رکھا جائے
ہمارے ہاتھ ستاروں پہ پڑنے لگتے ہیں
ہمیں اسیر شب درمیاں نہ رکھا جائے
خود اپنا بار تو کیا سر اٹھا نہیں سکتے
اٹھا کے ہم پہ کوئی آسماں نہ رکھا جائے
ارادہ چلنے کا ہے اور یہ سوچنا ہے ابھی
کہاں رکھیں یہ قدم اور کہاں نہ رکھا جائے
ہم اپنی منزل نادیدہ کی تلاش میں ہیں
سو اب ہمیں بھی پسِ رفتگاں نہ رکھا جائے
بدن دریدہ چلے تھے، قدم بریدہ رکے
کہ ہجرتوں کا سفر رائیگاں نہ رکھا جائے
ہم اس دیار سے آئے تو کوئی ظلم روا
وہاں تو رکھا گیا ہے، یہاں نہ رکھا جائے
ہوا کی سمت نمائی کچھ اور کہتی ہے
سو کشتیوں میں کوئی بادباں نہ رکھا جائے
ہم آج رات سے نکلیں تو اگلی شب کے لیے
سفر زیادہ سرِ کوئے جاں نہ رکھا جائے
یہ ضابطہ ہے مرے شہریار کا خالد
کسی کے سر پہ کوئی سائباں نہ رکھا جائے

ہوائے تند میں عزم سفر نکالتے ہیں
پرندے اپنے نئے بال و پر نکالتے ہیں
یہ شہر جاں کی ہوا کیوں عزا تماشا ہے
کہ کٹ تو جاتا ہے جو لوگ سر نکالتے ہیں
کسی تلاش میں نکلے تھے رفتگاں میرے
غبار اور کوئی نوحہ گر نکالتے ہیں
یہیں کہیں سے چلے تھے ہمارے گم شدگاں
یہیں کہیں سے کوئی رہ گزر نکالتے ہیں
یہ تب کی بات ہے جب شہرِ عشق تھا آباد
اب اس خرابۂ جاں سے کھنڈر نکالتے ہیں
صدا بہ صحرا ہے اپنی صدائے گریہ، سو ہم
حصار گنبد بے در میں در نکالتے ہیں
یہ شام ڈھل گئی خالد تو آؤ رات میں ہم
ستارۂ سحری سے سحر نکالتے ہیں

شہر میں جب غنچہ دہنی، گل پیرہنی مقبول ہوئی
زہرہ جبینوں، ماہ وشوں کو بے مہری معمول ہوئی
دل زدگاں کی بات ہی کیا ہے، دل زدگاں کی بات نہ کر
رات کا قصہ ختم ہوا جب ان کی حکایت طول ہوئی
ہجر کی رُت سوغات بنی ہم سوختگاں کی بات بنی
جلتے جلتے جل گئے اتنا، راکھ بھی آخر دھول ہوئی
ہم تو سیدھے سادھے لوگ ہیں لیکن دنیا والوں سے
تیرا میرا عشق روایت کرنے میں کچھ بھول ہوئی
یہ تو خیر ہمیں چپ رہتے ہیں ورنہ اکثر خالد
ذرا ذرا سی بات پہ بھی رنجش اس کا معمول ہوئی

دیکھتا ہوں ان کی نفرت کو میں حیرانی کے ساتھ
جن سے پیش آتا رہا ہوں خندہ پیشانی کے ساتھ
آخر شب دیکھ کر اپنے ستاروں کا خرام
بجھ رہی ہے آنکھ دل کی لوح امکانی کے ساتھ
وہ سر بزم آیا میرے سامنے تو آنکھ کا
رازِ سربستہ کھلا اور کتنی آسانی کے ساتھ
کچھ نہ کچھ رہتا ہے خالد اپنے ہونے کا گماں
غم اگر مل جائیں اور اتنی فراوانی کے ساتھ

جمود وہ تھا کہ خود سے گریز پا نکلے
چلے تو ہم کسی حیرت سرا میں جا نکلے
مرے کریم عطا ہو طلسم دل کی کلید
کہ اس طلسم سے باہر وہ دلربا نکلے
بجا کہ عشق اسیری ہے عمر بھر کی مگر
کہیں کوئی تو رہائی کا راستا نکلے
غبار قریۂ شام اپنے انتظار میں تھا
تو ہم بھی اوڑھ کے پیراہنِ صبا نکلے
دیا ہوا نے سندیسہ محبتوں کا ہمیں
جب اس دیار سے کتنی ہی دور آ نکلے
ٹھہرنے دیتی نہیں اپنے پاؤں کی گردش
سبھی قیام ہمارے سفر نما نکلے
عذاب جاں ہے یہ قحط صدا تو پھر خالد
وہ لے اٹھا کہ رگِ سنگ سے صدا نکلے

اگر یہ رات نہ اپنے دیے بجھایا کرے
تو کیسے کوئی حساب غمِ بقایا کرے
وہ ایک عکس گماں ہے تو دل سے دور رہے
وہ خواب ہے تو مری آنکھ میں نہ آیا کرے
اسے کہو، ہمیں بے چارگی کی خو ہے مگر
ہمارے ظرف کو اتنا نہ آزمایا کرے
طویل ہجر کا حاصل ہے ایک لمحۂ وصل
تو کوئی اس کا بھی احسان کیا اٹھایا کرے
کبھی تو ہو کہ ہماری خموش گویائی
سماعتوں میں صدا بن کے پھیل جایا کرے
ادھر سے پھر نہیں لوٹا گل آفتاب مرا
ہوا کو چاہیے پچھم سے روز آیا کرے
کوئی تو آ کے شب ہجر سے کہے خالد
رہے رہے، مگر اتنا نہ سر اٹھایا کرے

ہم ہی، ممکن ہے، ترے ناز اٹھانے لگ جائیں
پہلے یہ زخم پرانے تو ٹھکانے لگ جائیں
تیرے آوارہ چلو ہم ہی رہیں گے لیکن
یہ نہ ہو، تجھ کو بھلانے میں زمانے لگ جائیں
روک لو اپنے سلگتے ہوئے جذبوں کے شرار
اس سے پہلے کہ کوئی حشر اٹھانے لگ جائیں
ریزہ ریزہ جنھیں سینے میں بہم رکھتا ہوں
وہی چپکے سے مری خاک اڑانے لگ جائیں
میری جاں! دیکھ یہی وصل کے موسم نہ کہیں
قریۂ گل پہ تگ و تاز اٹھانے لگ جائیں
روکتے روکتے بھی آنکھ چھلک اٹھتی ہے
کیا کریں، دل کو اگر روگ پرانے لگ جائیں
تم نے باندھا ہے جنھیں تار نظر سے خالد
وہی دریا نہ کہیں آگ لگانے لگ جائیں

اسے کیا خبر کہ پلک پلک روش ستارہ گری رہی
اسے کیا خبر کہ تمام شب کوئی آنکھ دل سے بھری رہی
کوئی تار تار نگاہ بھی تھی صد آئنہ، اسے کیا خبر
کسی زخم زخم وجود میں بھی ادائے چارہ گری رہی
میں اسیر شام قفس رہا مگر اے ہوائے دیارِ دل
سرِ طاقِ مطلعِ آفتاب مری نگاہ دھری رہی
سفر ایک ایسا ہوا تو تھا کوئی ساتھ اپنے چلا تو تھا
مگر اس کے بعد تو یوں ہوا نہ سفر نہ ہم سفری رہی
وہ جو حرفِ بخت تھا لوحِ جاں پہ لکھا ہوا، نہ مٹا سکے
کفِ ممکنات پہ لمحہ لمحہ ازل کی نقش گری رہی
ترے دشتِ ہجر سے آ چکے بہت اپنی خاک اڑا چکے
وہی چاک پیرہنی رہا وہی خوئے دربدری رہی
وہی خواب خواب حکایتیں وہی خالد اپنی روایتیں
وہی تم رہے وہی ہم رہے وہی دل کی بے ہنری رہی

بکھر گیا سر آفاق جب کنارۂ شام
پس نگاہ اترنے لگا ستارۂ شام
شب سیہ میں رُخِ سیم گوں پہ ٹھہری ہوئی
وہ چاندنی تھی کہ یا کوئی ماہ پارۂ شام
نمِ سحر نہ تھے لیکن سحر کے ساتھ تھے ہم
پھر اس کے بعد ذرا سا تھا اک اشارۂ شام
طلوعِ شام تلک ہم ہی شب گزیدہ رہے
ہمیں سے جلتا رہا صبح سے ستارۂ شام
اداس رہتے کسی صبحِ تابناک میں ہم
یہ آفتاب جو ہوتا نہ استعارۂ شام
وہی شفق حدِ افلاک تک بکھرتی ہوئی
کہ دستِ صبحِ افق تاب میں ہے پارۂ شام
قبائے سرخ میں قرطاسِ آسماں پہ کوئی
نظر اٹھا کہ نکلنے کو ہے شمارۂ شام
افق کے پار چلو آؤ، ہم بھی چلتے ہیں
یہ دیکھتے ہیں، کہاں سے جلا کنارۂ شام

عشق میں بہتا ہے جو دریا بہ دریا، کون ہے
ہم بھی دیکھیں، درد کے صحرا میں ایسا کون ہے
ایک لمحہ ہی گزر جائے کہیں تیرے بغیر
دل کو سمجھایا تو ہے، لیکن سمجھتا کون ہے
میری بے آواز تنہائی بتائے کیا مجھے
شہر میں ہے جس کی خاطر شور برپا، کون ہے
سر پہ یہ جلتے ہوئے سورج کو اندازہ نہیں
بے طلب اس دشت میں گھر سے نکلتا کون ہے
کھو گئی ہے وقت کی لہروں میں سچائی تو کیا
وقت ہی خود فیصلہ کرتا ہے، سچا کون ہے
ایک سے اس شہر میں ہیں آشنا ناآشنا
کیا بتائیں تجھ کو میری جاں کہ کیسا کون ہے
دن کا سورج کیا اٹھائے گا مری راتوں کا غم
اور پھر خالد کسی کا بوجھ اٹھاتا کون ہے

اب اپنے اپنے مقامات میں ہیں کھوئے ہوئے
جو ایک خون کے رشتے میں تھے پروئے ہوئے
خلا کے دشت میں گرم سفر ہے قریۂ خاک
بدن میں اپنے زمانوں کا غم سموئے ہوئے
اجاڑ دے نہ کہیں آنکھ کو یہ ویرانی
گزر گئی ہے اب اک عمر کھل کے روئے ہوئے
تم اپنا وار سلامت رکھو کہ ہم نے بھی
یہ طور دیکھے ہوئے ہیں، یہ دکھ ہیں ڈھوئے ہوئے
کبھی کبھی یہ چراغ آسماں کے دیکھتے ہیں
ہماری آنکھ میں یادوں کے زخم دھوئے ہوئے
کھڑے تھے ہم سر ساحل یہ دیکھنے کے لیے
کہ باخبر ہیں کہاں کشتیاں ڈبوئے ہوئے

آنکھ کا پردۂ نمناک ہے خاک
از زمیں تا سر افلاک ہے خاک
یوں تو ہر آن لہو سا چھلکے
دل کہ درپردہ صد چاک ہے خاک
آدمی کا ہوئی پیراہنِ جاں
کس قدر سرکش و چالاک ہے خاک
ہر قدم رہتی ہے زنجیر بپا
کیوں تری زلف کا پیچاک ہے خاک
ایک تو ہے کہ ہوا ہے کوئی
ایک میں ہوں، مری پوشاک ہے خاک
پاؤں سے نکلے تو سر تک پہنچے
کیا سمجھتے ہو میاں خاک ہے خاک

وہ شور کہ سنتا رہا اپنی ہی صدا میں
کل رات کچھ ایسے تری محفل سے اٹھا میں
اک خامشیِ حرف طلب، مہر بہ لب تھی
کھلتے ہوئے دروازے پہ لب بستہ رہا میں
ملتا کوئی اس کاوشِ بے جا کا صلہ کیا؟
کچھ باندھ بھی لیتا اگر آپ اپنی ہوا میں
ٹھہرا نہ ترے دشت خرابی میں کوئی اور
اک مرحلۂ وحشت جاں سوز تھا یا میں
اے صبح جمال آ مری آنکھوں میں اتر جا
اے رات گزر جا کہ بہت جاگ چکا میں
خالد کوئی آشوبِ زمانہ سے نہ پوچھے
تقدیر کے اس چاک پہ کیا وہ ہے تو کیا میں

تم نے دیکھ لیا ہوگا اس چہرے کی ویرانی سے
کتنے نقش جلائے ہم نے آگ لگا کر پانی سے
اپنی بے حس سوچوں کے سیلاب میں ہم سب ڈوب گئے
شہر کہاں برباد ہوا ہے دریا کی طغیانی سے
دشمن تو پھر دشمن تھا اور اک مدت سے تاک میں تھا
اپنا گھر ویران ہوا ہے اپنوں کی نادانی سے
اب کیوں ناپ رہے ہو تنہائی کے جلتے لمحوں میں
اپنے چہرے کی حیرت آئینے کی حیرانی سے
اب کیا ڈھونڈ رہے ہو ہاتھوں کی بے ربط لکیروں میں
اب کیا حاصل ہوگا تم کو آنکھ کے بہتے پانی سے
کتنے نغمے کھو گئے خالد ان خاموش فضاؤں میں
کتنے چشمے پھوٹ بہے تھے دل کی ایک کہانی سے

کبھی زمین کبھی آسماں کی زد میں ہے
یہ زندگی تو عجب امتحاں کی زد میں ہے
حصارِ وقت سے باہر نکل کے جائیں کہاں
نفس نفس یہاں قیدِ زماں کی زد میں ہے
ملے تو کیسے کسی کو سراغ منزل کا
یہ قافلہ سفرِ بے نشاں کی زد میں ہے
چلی ہے قریۂ جاں میں یہ کس نگر کی ہوا
یقیں کا سارا اثاثہ زیاں کی زد میں ہے
کسی مقام پہ ملتی نہیں رہائی اسے
اسیر جاں غم گم گشتگاں کی زد میں ہے
امیر لشکریاں کو خبر نہیں شاید
کہ ہر بدن یہاں نوکِ سناں کی زد میں ہے
ہر ایک راہ یہاں قتل گاہ لگتی ہے
تمام شہر غنیمِ اماں کی زد میں ہے

یہ کشت جاں بھی کسی مہرباں کی زد میں ہے
شکست آئنۂ دل سے یہ کھلا آخر
کہ ہر مکین شکستہ مکاں کی زد میں ہے
دیار گل سے کوئی بھی خبر نہیں آئی
سفیر گل کسی بار گراں کی زد میں ہے
فلک کی آنکھ سراپا سوال ہے خالد
ہجوم کم نگہاں امتحاں کی زد میں ہے

نقش و صدا بے نشاں، جاں ہے سرابوں میں گم
وقت کے منظر تمام ہو گئے خوابوں میں گم
خود پہ کھلا بھی تو کیا گمشدگی کے سوا
خاک اڑاتا رہا دشت حجابوں میں گم
دور خلا میں کہیں آنکھ بھٹکتی رہی
ذہن فضاؤں میں تھا اڑتے سحابوں میں گم
پھیل گیا آنکھ میں کتنی رتوں کا غبار
کتنے جہاں ہو گئے دل کے خرابوں میں گم
چلتی رہی چارسو ایک سلگتی ہوا
اور مسلسل رہا شہر عذابوں میں گم
سر پہ سلگتا ہوا ایک وہی آفتاب
اور سفر در سفر پاؤں رکابوں میں گم
جلتے رہے رات بھر بام و درِ شہرِ خواب
اور کہیں شامِ ہجر سرخ نقابوں میں گم
بڑھتا رہا سو بہ سو تند ہواؤں کا شور
لمحہ بہ لمحہ رہا سانس حبابوں میں گم
شہر تمنا میں ہو کار ہنر اور کیا
دل بھی خرابوں میں گم جاں بھی عذابوں میں گم

عرصۂ بے سائباں اور میں
چاروں طرف آسماں اور میں
موج تجسّس کوئی آنکھ میں
وقت کراں تا کراں اور میں
دشت بلا سر پہ ہے پاؤں میں
سیلِ زمان و مکاں اور میں
کتنے مہ و سال کی گردشیں
دیکھ چکا آسماں اور میں
ایک مسافت کی دھول دور تک
قریۂ تشنہ لباں اور میں
ایک بھٹکتی صدا شہر میں
کتنے جھلستے مکاں اور میں
کتنی اڑانوں پہ ہیں منزلیں
سمت سفر بے نشاں اور میں
دشت فنا میں کہیں، کھو گئے
سرو قدان جہاں اور میں

ماحول دھواں اگل رہا ہے
امکان وجود جل رہا ہے
ہاتھ اٹھ گئے آسماں کی جانب
پھر کوئی عذاب ٹل رہا ہے
اک شام کا منتظر ہے کوئی
سورج ابھی آنکھ مل رہا ہے
وہ ہاتھ تو تھک چکا ہے کب کا
اور زخم ابھی مچل رہا ہے
گم ہیں سب بانسری کی لے میں
اور شہر تمام جل رہا ہے
میں کس کے گماں میں رہ گیا ہوں
کوئی مرے ساتھ چل رہا ہے
بڑھنے لگا التہاب جاں اور
پیراہن خواب جل رہا ہے
کس درد کی آنچ ہے کہ اب تک
اندر سے بدن پگھل رہا ہے
پہلو میں دل ہے یا کہ خالد
اک چشمۂ خوں ابل رہا ہے

روشن ہے ستارۂ سحر کیا
کھلنے کو ہے آسماں کا در کیا
رہتے ہیں تری تلاش میں ہم
آشفتہ نصیب و در بدر کیا
شاید نم خواب کا اثر ہے
ایسی بھی رہی یہ آنکھ تر کیا
نیندیں جل بجھ کے ہو چکیں راکھ
دیکھے ہیں خواب عمر بھر کیا
چلتے چلتے ٹھہر گئی تھی
وہ رات فصیل شام پر کیا
لمحوں کے اداس آئنوں پر
چھایا ہے غبار رہ گزر کیا
کس دشت میں آ رکے ہو خالد
وہ شہر تھا تنگ اس قدر کیا

تقدیر کے چاک پر رواں ہے
جو خاک ردائے جسم و جاں ہے
بکھرا ہے خلا میں جو دھواں سا
صورت گر عکس صد گماں ہے
کھلتا نہیں لوح جاں پہ کچھ بھی
بس ایک طلسم کا سماں ہے
سینے میں دہک رہا ہے یہ کیا
ہر سانس پہ ہر قدم گراں ہے
پلکوں میں سمٹ رہا ہے پل پل
تن میں جو لہو غبار جاں ہے
اک ہجر کی رات ہے، نظر میں
مہتاب کا چشمۂ رواں ہے
ہے کب سے حدی کی لے کہیں گم
خاموش صدائے سارباں ہے
دیوار کوئی نہیں ہے خالد
کچھ اور ہی اپنے درمیاں ہے

کس راہ میں ہے سفر ہمارا
خاموش ہے راہبر ہمارا
ہم درد کی خاک میں گندھے ہیں
اور وقت ہے کوزہ گر ہمارا
اے عشق جو ہو چکا سو بہتر
اب اور نہ فکر کر ہمارا
پھر جاگ رہی ہے ایک وحشت
اور شہر ہے بے خبر ہمارا
اک عہد زوال میں کھڑے ہیں
بیکار گیا سفر ہمارا
ایسا تو سفر میں بھی نہیں تھا
گھر سے کبھی دور گھر ہمارا
دل دشت کی شام کی طرح ہے
رہتا ہے جہاں گزر ہمارا
گم ہو گیا بال و پر کے ہمراہ
شاہین صفت ہنر ہمارا
کس رات کی نذر ہو گیا ہے
خالد وہ گلِ سحر ہمارا

بدلا ہے مزاج بستیوں کا
یا شور ہے یہ نئے گھروں کا
پابستۂ خاک ہوں میں لیکن
طالب ہوں خلا کی وسعتوں کا
آنکھوں میں اتر رہا ہے لہجہ
وحشت آثار موسموں کا
صحرا بھی طواف کر رہا ہے
شاید مرے دل کی وحشتوں کا
پلکوں میں سمٹ کے رہ گئے ہم
پھیلا جو غبار موسموں کا
وہ موسم وصل میں بچھڑ کر
در کھول گیا نئی رتوں کا
خالد کوئی مدعا تو سمجھے
لفظوں میں چھپی کہانیوں کا

دل کا یہ کسی کے بس میں رہنا
یوں ہے جیسے قفس میں رہنا
بس عمر کا روگ بن گیا ہے
اک یاد کی دسترس میں رہنا
ہر تار نفس شکستنی ہے
کب تک یہ ہوا کے بس میں رہنا
دیتا ہے وقار زندگی کو
خواہش کا نفس نفس میں رہنا
اک دور تمام کر چکا ہے
خالد ترا پیش و پس میں رہنا

منزل پہ کچھ اور مہرباں تھی
جو خاک سفر بلائے جاں تھی
جلتا تھا شفق سے خیمۂ شام
اور رات مآل کوفیاں تھی
سچ کا پرچم اٹھا لیا تو
شمشیر کی نوک پر زباں تھی
جسموں کی شکستگی کی روداد
برف اور لہو کے درمیاں تھی
پانی سے چراغ جل اٹھے تھے
اک آگ رگوں میں جب رواں تھی
آفاق کے دھندلکوں میں گم ہے
وہ شام جو دل کی ترجماں تھی
بس آنکھ کو وہم سا ہوا تھا
خالد وہ روشنی کہاں تھی

میں کس کو تلاش کر رہا ہوں
اپنی پہچان کھو چکا ہوں
سایہ گھنے پیڑ کا ہوں لیکن
سورج کی تپش سے جل رہا ہوں
صحرا میں بنا ہوں ذرۂ ریگ
دریا میں حباب ہو گیا ہوں
لو میرے ضمیر سے گواہی
کہنے کو تو سچ ہی بولتا ہوں
گزرا تھا سانپ جو یہاں سے
میں اس کی لکیر پیٹتا ہوں
تجسیم ہوئی یوں ذات میری
میں اپنا نشان ڈھونڈتا ہوں
سو بار میں اپنے رہنما سے
منزل کا فریب کھا چکا ہوں
اس شہر کے بام و در کو خالد
حیران سا ہو کے دیکھتا ہوں

ہر چند کہ زخم بھر گیا ہے
اک درد سا دل میں جاگتا ہے
آنکھوں میں نمی اتر رہی ہے
دل خواب کی لو سے جل رہا ہے
تجھ سے منسوب موسم ہجر
خوشبو سے خراج مانگتا ہے
وہ لمحۂ وصل ڈھونڈ جس میں
ہونٹوں کا سکوت بھی صدا ہے
سب کچھ ترے نام پر لٹایا
میرے دامن میں کیا بچا ہے
اے نیند نگر کے رہنے والو
عشق ایک طویل رتجگا ہے
اے وصل کے جانگداز لمحو
منظر یہ شب فراق کا ہے
وہ عہد وفا کی آخری شام
چہرے پہ ابھی شفق نما ہے
صدیوں پہ محیط ایک لمحہ
اب تک آنکھوں میں جاگتا ہے
تجھ سے اب کون آ کے پوچھے
خالد چپ کیوں ہو، بات کیا ہے؟

زمیں کے سینے پہ کیا جانے کیا گزرتی ہے
عجیب رنگ میں خلق خدا گزرتی ہے
سکوت عرصۂ شب میں دریچۂ جاں سے
کوئی صدا ہے جو محشر بپا گزرتی ہے
یہ کس کا آئنۂ دل میں عکس تیر گیا
کہ اب عجیب سر آئنہ گزرتی ہے
فضا میں درد کی تاثیر اتر نہ جائے کہیں
دہان زخم کو چھو کر ہوا گزرتی ہے
وہ تیرے ہجر کی اک شام آج بھی سر شام
مری نظر سے ستارہ نما گزرتی ہے
گزر تو آئے ہیں دشت فراق سے خالد
خبر نہیں سر منزل بھی کیا گزرتی ہے

پھر کسی ہجر کا امکان لیے پھرتی ہے
زندگی موت کا سامان لیے پھرتی ہے
حبس بے چارگی جاں میں ہوا کی خواہش
ایک دنیا کو پریشان لیے پھرتی ہے
کس نگر کی یہ ہوا ہے کہ بدوش صحرا
چارسو، راستے ویران لیے پھرتی ہے
ڈھونڈنے نکلی تھی وہ گھر سے نہ جانے کیا کچھ
راہبہ، چاک گریبان لیے پھرتی ہے
خالد اک ڈھلتی ہوئی شام مرے چہرے پر
آنکھ کا آئنہ، حیران لیے پھرتی ہے

جب قریہ قریہ گرم لہو کی دھار گئی
اک وحشت خیز صدا سینوں کے پار گئی
اک درد کی گونج سے دل کا مکان لرز اٹھا
اور سناٹے کی چیخ سر بازار گئی
اک مات کو جیت بنانے گھر سے نکلے تھے
پر دشت سفر کی وحشت ہم کو مار گئی
اب شامیں صبحوں کی دہلیز پہ بیٹھی ہیں
اب اس بستی سے چڑیوں کی چہکار گئی
جب جا کے افق کی جھیل میں سورج ڈوب گیا
تب شہر بہ شہر ستاروں کی للکار گئی
کل رات کے پچھلے پہر کی سرد ہوا خالد
میرے سینے میں ہجر کا درد اتار گئی

ایک تو تھا اور اک منظر تھا سطح آب کا
عکس گل سے جل رہا تھا آئنہ تالاب کا
لمحہ لمحہ حجلۂ دل کے دریچے سے کوئی
کھولتا ہے اک وہی منظر شب بے خواب کا
شام ہجراں سے ہے میری آنکھ میں آراستہ
ایک آئینہ شفق کے خیمۂ زر تاب کا
صبح کی لمبی مسافت نے اٹھا کر رکھ دیا
رات کے دامانِ تیرہ میں دیا مہتاب کا
بٹ گئی ہے ان گنت خانوں میں تنہا زندگی
اور تا حد نظر ہے اک سمندر خواب کا
قلزم لمحات میں آخر بہا کر لے گیا
میرے جسم ناتواں کو پیچ و خم گرداب کا
دیکھتی آنکھوں سے بھی خالد کوئی دیکھے تو کیا
بند پلکوں میں سسکنا دیدۂ بے آب کا

بڑھ رہا ہے جتنی تیزی سے حصار آفات کا
تنگ ہوتا جا رہا ہے دائرہ لمحات کا
دونوں اپنی خوئے سیلابی میں ہیں سرکش بہت
اک سمندر خواہشوں کا، ایک دریا ذات کا
حلقۂ پندار صحرائی میں ہے جکڑا ہوا
ناقۂ موج ہوا پر قافلہ ذرات کا
چاند میرے اور تیرے درمیاں چلتا رہا
ماہتابی جشن برپا تھا سفر کی رات کا
چل رہا ہے اَن گنت صدیوں سے دشت دہر میں
ہر نئے سورج کے پیچھے قافلہ ظلمات کا
دھوپ آنگن میں اتر آئی تو پھر سے جاگ اٹھا
آنکھ میں سویا ہوا منظر وہ پچھلی رات کا
دل کو تیری آنکھ کی وہ پہلی دستک یاد ہے
یاد ہے پہروں دھڑکنا نبض محسوسات کا
اب تو خود اپنی ہی سرگوشی سے ڈر جاتا ہوں میں
تذکرہ خالد کسی سے کیا کروں حالات کا

آسماں پیما ہے خواہش کا غبار اڑتا ہوا
دل بھی اک صحرا ہے کوئی، آنکھ میں پھیلا ہوا
کاخ تنہائی ہوا کی آہٹوں سے گونج اٹھا
کر گیا اک شور، سناٹے کا در کھلتا ہوا
ترکش لب سے نکل کر، کر گیا دل کو لہو
فیصلے کا آخری لمحہ کہیں اٹکا ہوا
ٹوٹ کر بکھرا تو رنگیں کر گیا دامان شام
رات کی لو سے سحر کا آئنہ جلتا ہوا
شہر نا پرساں میں کس سے پوچھتے اس کا پتہ
ہر طرف تھا آئنوں کا سلسلہ پھیلا ہوا
سن رہا تھا لمحہ لمحہ اپنے ہی قدموں کی چاپ
دل کے ویرانے میں کوئی رات بھر چلتا ہوا
ہر قدم رہتے ہیں خالد آسماں بردوش ہم
حلقۂ بار زمیں ہے پاؤں سے لپٹا ہوا

تو نے مری وفا کے عوض کچھ درد مثال خیال دیے
میں نے وہی خیال ترے اس ہجر کی لے میں ڈھال دیے
وقت کے آتشدان میں تو نے میرے عکس جلا ڈالے
میں نے بھی اپنے دیوان سے کتنے شعر نکال دیے
ہجر زدہ سب دیکھ رہے ہیں آئینوں کو حیرت سے
کیسے کیسے ان چہروں کو وقت نے خد و خال دیے
دل زدگاں کیوں صحرا صحرا خاک اڑاتے پھرتے ہیں
کس نے ان کے پاؤں میں یہ وحشت کے چکر ڈال دیے
ڈھونڈ رہے ہیں ہم ان کا حل اپنے بے حس چہروں میں
نئے زمانے نے انسان کو جتنے نئے سوال دیے
اس کے تغافل سے ہو گلہ کیا، جس نے میرے شعروں کو
پھول کی خوشبو، چاند کی ٹھنڈک، لفظوں کے سر تال دیے
ڈھلتے ڈھلتے رات ڈھلی تو تاریکی کچھ اور بڑھی
جلتے جلتے بجھ گئے خالد کتنے ماہ مثال دیے

ہر قدم ایک نیا کوہِ گراں ہے
زندگی قریۂ آفت زدگاں ہے
ایک پیکار مسلسل ہے یہ جینا
زندگی کرنا ابھی سہل کہاں ہے
کون سی آگ میں یہ شہر جلا ہے
ہر طرف ماتم جاں سوختگاں ہے
دل جو ہے ایک تمنا کا تسلسل
چشم خوں بستہ کی صد موج رواں ہے
جس نے اوڑھا نہیں پیراہن تعبیر
اک وہی خواب محیط دل و جاں ہے
کس سے کہیے دل ویراں کی حکایت
ایسی باتیں کوئی سنتا ہی کہاں ہے
داد چاہے بھی تو کس سے یہاں خالد
شاعر قریۂ بیداد گراں ہے

دلِ بے خواب یہ کیا قصّۂ جاں ہے
چارسُو یہ جو ترا حلقۂ جاں ہے
کتنا گنجان ہے اس دل کا خرابہ
کتنا ویران یہ معمورۂ جاں ہے
کیسا ہنگامہ بپا ہے کہ جہاں میں
دو قدم چلیے تو اندیشۂ جاں ہے
کیا کہوں اے دل آسودۂ جاناں
ہر کوئی شہر میں آزردۂ جاں ہے
سر پہ جو ہجر کی یہ رات ہے خالد
فقط اک شام کا افسانۂ جاں ہے

نقش کچھ اور سرِ خاک ابھارا جائے
آسمانوں سے ستاروں کو اتارا جائے
آ مجھے تو ہی بتا، وقت ٹھہر جائے تو
دشت تنہائی میں کس طرح گزارا جائے
کشتیاں ڈوب چکیں اور وہ اس سوچ میں ہے
اب سمندر ہی کنارے پہ اتارا جائے
ہم تو جاں سے بھی گزر جائیں، ہمارا کیا ہے
اور تم خوش کہ ابھی کچھ نہ تمہارا جائے
کیا کریں، خوئے نگاراں ہی کچھ ایسی ہے کہ بس
دل بھی پہلو سے سوا، چین بھی سارا جائے
ایسا تنہا بھی نہیں ہوں لب دریا خالد
دور تک ساتھ مرے ایک کنارا جائے

( غالب کی نذر)

رہینِ کرب ہے دل، چشم تر میں خاک نہیں
بُنِ شجر میں ہے، برگِ شجر میں خاک نہیں
رواں ہے پارۂ سیماب کی طرح دل میں
مرا وجود جو اس کی نظر میں خاک نہیں
سفر ہی ٹھہرا ہے درماندہ رہ روؤں کا نصیب
سوائے رنجش بے سود، گھر میں خاک نہیں
یہاں تو سب ہیں کلاہ جنوں سجائے ہوئے
عجیب کیا ہے اگر ان کے سر میں خاک نہیں
وہ دھول اڑی ہے کہ چہروں کی اٹھ گئی پہچان
یہ کس نے کہہ دیا خالد! سفر میں خاک نہیں

سوچ، دشت ہجر کی ویرانیوں میں گم رہی
زندگی اپنی جنوں سامانیوں میں گم رہی
رات سورج کے تعاقب میں رہی گرم سفر
دل کی وحشت چاند کی تابانیوں میں گم رہی
آسماں کے طاق میں جلتی ہوئی شام شفق
چشم نم کی آئنہ سامانیوں میں گم رہی
عکس آئینہ سے کیا کھلتا طلسم آگہی
یہ وہ حیرانی تھی جو حیرانیوں میں گم رہی
تیرے جلووں کے ستارے ہوں کہ بارش ہجر کی
دل کی یہ بستی تو بس طغیانیوں میں گم رہی

یہ ترے ہجر نے پیدا کیے اسباب ایسے
ہم زمیں زاد کہاں کے تھے سفر یاب ایسے
اس قدر زور تو دریا کی روانی میں نہ تھا
آبجو سے نکل آئے کئی گرداب ایسے
آنکھ میں ہجر کا جاں سوز لہو جاگ اٹھا
کر دیا اب کے تری یاد نے شاداب ایسے
اب یہ خوش لہجہ صداؤں سے کہاں جاگتے ہیں
ایک مدت سے ہوئے لوگ گراں خواب ایسے

سقف سکوں نہیں تو کیا، سر پہ یہ آسماں تو ہے
سایۂ زلف اگر نہیں، دھوپ کا سائباں تو ہے
آنکھ کے طاق میں وہ ایک، جل اٹھا نجم نیم جاں
درد کی رات ہی سہی کوئی سحر نشاں تو ہے
جاگ رہا ہوں رات سے لذت خواب کے لیے
نیند نہیں جو آنکھ میں جوئے شب رواں تو ہے
پاؤں ہیں زخم زخم اگر دل ہے اگر فگار عشق
تیرے حصول کا مجھے وہم تو ہے گماں تو ہے
دل ہے اگر بجھا ہوا جاں ہے اگر لٹی ہوئی
چشم سحر فریب کا آئنہ ضو فشاں تو ہے
عشق و جنوں کے باب میں چاہیے کار رفتگاں
اے مرے جذبۂ وفا! جی کا ذرا زیاں تو ہے
شہر ستمگراں وہی، پھر صف دشمناں وہی
خالدِ خستہ جاں کے پاس تیر نہیں، کماں تو ہے

اوڑھے ہوئے ہیں کب سے ردائے سراب ہم
ذروں میں دیکھتے ہیں ستاروں کے خواب ہم
اک موج تہ نشیں ہیں تہِ بحر جستجو
چلتے ہیں آسمان پہ پا در رکاب ہم
وابستۂ شب غم ہجراں ہوئے تو کیا
کچھ تو لگا ہی لیں گے سحر کا حساب ہم
پھرتے ہیں کوئے دیدہ وراں میں لیے ہوئے
پابستگی دربدری کا عذاب ہم
اس عہد دلفریب میں شاید کہ بھول جائیں
ایام رفتگاں کی شکستہ کتاب ہم
کیا رات تھی کہ دن بھی اندھیروں میں کھو گیا
شاید کہ رہ گئے ہیں پس آفتاب ہم
خالد سواد ہجر سے نکلے تو ہو گئے
آوارۂ دیار شب ماہتاب ہم

خوابیدگی درد کی محرم تو نہیں ہے
یہ شب ہے، ترا کاکل پُر خم تو نہیں ہے
اک ابر کی ٹھنڈک میں اسے بھول ہی جائیں
یادوں کی تپش اتنی بھی مدھم تو نہیں ہے
اس عہد میں وابستگی موسم گل بھی
اب حلقۂ زنجیر سے کچھ کم تو نہیں ہے
ہر ایک گل اندام کی چوکھٹ پہ ٹھہر جائے
دل ہے، کوئی آوارۂ عالم تو نہیں ہے
پھر دشت تمنا میں ہے لرزاں کوئی آواز
خالد یہ صدائے جرس غم تو نہیں ہے

قریۂ دل میں ہے کس کا کف پا آوارہ
پھر رہی ہے قفس جاں میں صدا آوارہ
آنکھ کو یورش سیلاب کی حسرت ہے ابھی
کھل کے برسی نہیں جذبوں کی گھٹا آوارہ
قفل احساس کوئی کھول کے دیکھے تو سہی
کتنے جذبے ہیں سر دشت وفا آوارہ
کس کی فرقت میں اترتا ہے غبار شبنم
کو بکو پھرتی ہے کس غم میں صبا آوارہ
جانے کس کس کے لیے پھرتی رہی خاک بدوش
رات بھر کوچۂ جاناں میں ہوا آوارہ
ہجر کی رات یہ منظر تھا نہ جانے کیسا
چاند بے نور تھا، بادل بھی رہا آوارہ
خالد اب کوئے نگاراں سے نکل آئی ہے
حجلۂ درد کے روزن میں ضیا آوارہ

پاؤں کیا وقت کی دہلیز پہ ہم رکھتے ہیں
اک قدم روز سر دشت عدم رکھتے ہیں
اے مرے راہرو دل ذرا آہستہ چل
عرصۂ ہجر میں آہستہ قدم رکھتے ہیں
ٹھہر اے قافلۂ ہم نفساں آہستہ
ساتھ چلنا ہو تو رفتار کو کم رکھتے ہیں
دل سے آنے لگی زنجیر چھنکنے کی صدا
قفس درد میں ہم لذت رم رکھتے ہیں
تیز رفتاری ہر موج نفس سے خالد
دل میں جینے کی تمنا ہے، سو ہم رکھتے ہیں

تمام عمر بچھڑنے کا اک بہانہ ہوا
جو تیرے شہر سے اک قافلہ روانہ ہوا
سواد ہجر کی تاریکیوں میں کھو گئی شام
جو دل اسیر تمنائے زلف شانہ ہوا
نہ اپنے زخم کی خوشبو، نہ اس کے حسن کا رنگ
وصال و ہجر کا موسم گئے زمانہ ہوا
نہ خواہش غم جاناں، نہ کاہش جاں ہے
ہر ایک جذبۂ عشق بتاں فسانہ ہوا
نہ جانے کس کے لیے چشم نم سلگنے لگی
اسے تو بھولے ہوئے ہم کو اک زمانہ ہوا
غبار ہجر سے دل کی کدورتیں نہ دھُلی
اس آب صاف سے شفاف، آئنہ نہ ہوا
ہر ایک صبح، نگہ پر تھا قرض ماتم شب
دل اس کی یاد سے جب تک گریز پا نہ ہوا
سو اَب یہ ہے کہ ترا ذکر چھیڑتے نہیں ہم
نگاہ میں ترے جانے پہ ورنہ کیا نہ ہوا

صحرا میں ہم اترے تو لب جو نکل آئے
اس میں بھی تری یاد کے پہلو نکل آئے
یوں گھر سے وہ نکلا ہے کہ جیسے شب تیرہ
زندان گل ہجر سے خوشبو نکل آئے
اے کاش کبھی دشت نظر میں کسی صورت
تو مثل گل و غنچۂ خود رو نکل آئے
یا دل ہی بکھر جائے سر وسعت صحرا
یا صورت آرائش گیسو نکل آئے
آوارگی شوق کی منزل نہیں کوئی
گھر چھوڑ دیا ہم نے بہر سو نکل آئے
کیا راحت جاں، اب تو فقط جی کا زیاں ہے
اس دل کے خرابے میں اگر تو نکل آئے
اک عمر کے بعد آئنۂ خواب سے خالد
دیکھا جو اسے، آنکھ سے آنسو نکل آئے

ہم کہ منزل کا تصور نہ نظر میں رکھتے
یہ تو ہوتا کہ ترا ساتھ سفر میں رکھتے
ہم اسیران جنوں اپنی رہائی کے لیے
عزم پرواز کہاں جنبش پر میں رکھتے
ابر گریہ سے تھی خود چاندنی افسردہ جمال
عکس مہتاب کو کیا روزن و در میں رکھتے
یا تو ہم چادر عزم اوڑھ کے چلتے گھر سے
یا کوئی سایۂ دیوار نظر میں رکھتے
ایک سودائے محبت کے سوا ہم خالد
اور کیا سلسلۂ شام و سحر میں رکھتے

یہ کیسی خوئے شب تابی دل خود سر میں رہتی ہے
کہ اک پرہول ویرانی مرے بستر میں رہتی ہے
نگاہوں کے افق پر شام کے پہلو بدلنے سے
سحر تک خوں فشانی رات کے منظر میں رہتی ہے
تری چشم تمنا سے گزرنے کی کوئی خواہش
مسلسل درد بن کر میری چشم تر میں رہتی ہے
مشام جاں سے جب بھی پھوٹتی ہے شام تنہائی
سمٹ کر رات کے تاریک تر پیکر میں رہتی ہے
بہر سو مرتعش ہے اس کے آنے کی صدا خالد
عجب اک خامشی سی دل کے بام و در میں رہتی ہے

(احمد فراز کی نذر)

کسی کی یاد سے ہم بے نیاز ہو جائیں
مگر یہ ڈر ہے کہیں رتجگے نہ سو جائیں
فضا اداس، ستارے اداس، رات اداس
یہ زندگی ہے تو ہم بھی اداس ہو جائیں
وہ سیل تند سے بچ کر نکل تو آئے ہیں
یہ خوف ہے نہ کنارے کہیں ڈبو جائیں
اسی لیے تو یہ آنکھیں چھلکنے لگتی ہیں
کہ کشت شب میں اجالوں کے بیج بو جائیں
سکون کا کوئی پل ہو کہ نیند آئے ہمیں
نہیں تو درد کے کہرام ہی میں سو جائیں
یہ سوچتے ہیں کہ دشت فریب سے چل کر
مسافرانِ جنوں کس دیار کو جائیں
یہی ہے کوچۂ جاناں کی رسم اگر خالد
تو آؤ ہم بھی خموشی سے قتل ہو جائیں

تیرے لیے میں ساری عمر گنوا سکتا ہوں
تو کہہ دے تو یہ دھوکہ بھی کھا سکتا ہوں
تیری چاہت کے جذبوں کی خوشبو لے کر
بجھی ہوئی شاموں کو بھی مہکا سکتا ہوں
لمحوں کے پر کیف سکوت پہ حیراں کیوں ہے
تیرے لیے میں صدیوں کو ٹھہرا سکتا ہوں
کبھی کبھی تو یوں لگتا ہے، تیری خاطر
جنگل کے اس پار اکیلا جا سکتا ہوں
دھول اڑاتی آنکھوں میں جذبوں کو بہا کر
دریاؤں کو صحراؤں میں لا سکتا ہوں
خالد اپنے جذبوں کی زرخیزی سے میں
کشت سخن میں ہریالی مہکا سکتا ہوں

عمر گزاری تو کیا نکلا
عشق ہی آخر جھوٹا نکلا
ساری رات سفر میں کاٹی
گھور اندھیر سویرا نکلا
جو رستہ معلوم نہیں تھا
دل اس رستے پر جا نکلا
جس رستے سے گھر تک جاتے
کوئی نہ ایسا رستہ نکلا
ماں کا رشتہ ہی سچا تھا
باقی سب کچھ جھوٹا نکلا

(حادثۂ ہائلہ - 29 اکتوبر 1998 کے حوالے سے)

کیا کہیں اے عزیز جاں! ہم پہ یہ کیا گزر گئی
زخم ادھیڑتے ہوئے موجِ صبا گزر گئی
خواہش یک نفس کہ جو، آنکھ میں تھی رکی ہوئی
قریۂ درد سے کہیں آبلہ پا گزر گئی
دل ہے کہ داغ داغ ہے، گھر ہے کہ بے چراغ ہے
دشت شبِ سیاہ سے آئی ہوا، گزر گئی
رات ہزار جا چکی، اپنی بساط اٹھا چکی
رات تو رات ہی رہی، جا کے بھی کیا گزر گئی؟
آج بھی تھا افق پہ دور پارۂ دل لہو لہو
آج بھی زرنگار شام ، کرب نوا گزر گئی
اے غم جاں ٹھہر ذرا، تجھ کو بھی ہے خبر ذرا؟
دل کا لہو اچھال کر دل کی صدا گزر گئی
اب تمہیں کیا بتائیں ہم ، کیسے تمہیں دکھائیں ہم
سینے میں کیا اتر گیا، آنکھ پہ کیا گزر گئی

دل کی آواز کو الفاظ میں لانے کا ہنر
نہیں آتا، اگر آئے نہ زمانے کا ہنر
ذہن میں آئے تو تھے لفظ تراشیدہ خیال
دل نے بس چھین لیا بات بنانے کا ہنر
ہم کہ گم کردۂ دشت سفر شوق رہے
ہم کو آیا نہ تری راہ پہ آنے کا ہنر
جسم کا پیرہن خاک کہاں تک رہتا
بس وہاں تک کہ جہاں تک تھا زمانے کا ہنر
بات سے بات نکل آئے گی، معلوم نہ تھا
ورنہ ہم اور کہاں ربط بڑھانے کا ہنر

دست صبا نے کاٹ دی زنجیر بوئے گل
آوارۂ جمال ہوئی آبروئے گل
قدموں سے اپنے وحشت صحرا لپٹ گئی
کیا شوق تھا کہ کرتے رہے جستجوئے گل
جذبوں میں اس کے حسن کی مستی انڈیل لی
ہم نے کف خیال پہ رکھ کر سبوئے گل
یہ قرص خاک تنگ ہے مجھ پر کہ جس طرح
خوشبو پہ ہے گراں قفس خوبروئے گل
خالد پگھل رہا ہے یہ عکس وجود حسن
یا آنکھ میں رواں ہے کوئی آب جوئے گل

ستم گروں کے لیے مہربان ہو جاتی
اگر زمین کہیں آسمان ہو جاتی
نہ تھی نصیب سفر مجھ کو تیری چادر زلف
تری پلک ہی مرا سائبان ہو جاتی
اسے تراشنا آسان تو نہ تھا خالد
جو اپنی خوئے انا بھی چٹان ہو جاتی

نقش جو آنکھ میں تصویر ہوا کرتے تھے
سب ترے خواب کی تعبیر ہوا کرتے تھے
دیکھ ہم بھی تھے کبھی تیری انا کے پابند
دیکھ ہم بھی تری جاگیر ہوا کرتے تھے
ہاں کوئی وقت تھا جب قیس سے آشفتہ مزاج
عشق میں صاحب توقیر ہوا کرتے تھے

عجب انداز سے چہرے کی تابانی میں رہتا ہے
چراغ جاں، نظر کے عکس عریانی میں رہتا ہے
میں حیراں تھا کہ سورج کس لیے پہنچا نہ بستی تک
خبر پہنچی فلاح ظل سبحانی میں رہتا ہے
تو کیا تجھ کو بھی یہ آب و ہوا راس آ گئی خالد؟
نواحِ عشق میں کب کوئی آسانی میں رہتا ہے

ابھر کے آئیں ترے منظر نگاہ پہ بھی
شب اختیار ستاروں کو اختیار کہاں
اور اب تو آنکھ خود اپنے غبار میں گم ہے
نکل گئے تری یادوں کے شہسوار کہاں
یہ شہر دیدہ وراں ہی سہی مگر خالد
سلگ اٹھی تری چشم ستارہ بار کہاں

چھپ گیا جب چاند جا کر بدلیوں کی اوٹ میں
آنکھ میں تجھ سے بچھڑ جانے کے منظر آ گئے
ہاتھ دستک کے لیے اُٹھ اُٹھ کے رُک جاتا رہا
تیرے دروازے سے اکثر ہم پلٹ کر آ گئے
کچھ ستارے دل کے صحرا میں گرے تو یوں لگا
آسماں، خالد! زمینوں کے برابر آ گئے

اشعار

میں تو جو کچھ ہوں، زیادہ ہوں کہ کم، جانتا ہوں
اٹھ گئے ہیں ترے لشکر کے قدم، جانتا ہوں

حیا کا کوئی نہ کوئی تو پاس کرتا رہا
جو کام آنکھ کا تھا، وہ لباس کرتا رہا

اے چاند زمین پر اتر آ اس ماہ مثال کی خبر دے

منزلیں گردابِ گردِ رہ گزر میں کھو گئیں
دھول اڑاتے قافلوں کا نقش پا کوئی نہیں

نظمیں

زنجیر کو ہم برا کہیں کیوں!
سب اس میں قصور پاؤں کا ہے

خواب و سراب

وہی شہر ہے
وہی راستے
وہی راستوں کا ہے پیچ و خم
وہی دشت ہے
وہی دشت شام فراق ہے
وہی فرش خاک و سراب ہے مرے پاؤں میں
وہی دھوپ ہے، وہی آسمان کا روپ ہے
وہی عرصۂ غم رائگاں
کوئی سائباں ہے ، نہ خیمۂ گل مہرباں
وہی سنگلاخ زمین کشت گیاہ و گل کی لطافتوں سے ہے بے خبر
وہی قحط گل کے دیار میں تر و تازہ شاخ ببول ہے
کہ ہزار زرد رُتوں میں لپٹی ہوئی ہوائے سموم ہے
وہی شہر کم نظراں کا ہے
وہی درد ہم سفراں کا ہے
وہی قریہ ستم آشنا سے محبتوں کا خروج ہے
وہی چاہتوں کا زوال ہے وہی نفرتوں کا عروج ہے
وہی لمحہ لمحہ اداس شام، ملول صبح کے سلسلے
وہی گرد کوئے ملال ہے، وہی وصل و ہجر کے فاصلے
وہی رتجگوں کی مسافتوں کا عذاب ہے
وہی بام و در پہ چراغ ہجر جلا ہوا
وہی طاق مطلع فجر میں
رخ مہر اپنی تمام زرد شعاعوں میں ہے ڈھلا ہوا
وہی منظروں میں سراب وصل کی حدتیں ہیں
دیار دل میں ترے خیال کی وحشتیں ہیں
طلسم زار فراق میں تری آہٹوں کا گمان ہے
کہ سماعتوں کے نشیب میں وہی واہموں کا نزول ہے
وہی تیری دید کے آئنے پہ شکستہ لمحوں کی دھول ہے
وہی مرحلے ہیں سکون جاں کے زوال میں
وہی آتش دل بے قرار دہک رہی ہے خیال میں
وہی میں ہوں
اور مرے کاسۂ دل بے ہنر میں نشاط کا کوئی زر نہیں
وہی میں ہوں اور مرے چاروں اور سراب ہے
وہی ایک منظر خواب ہے

ہمیں اک عہد کرنا ہے

ہمیں اک عہد کرنا ہے
ہمیں اپنی جنوں آثار تنہائی سے
وحشت خیز اور پرہول راتوں کے مسلسل رتجگوں سے
عہد کرنا ہے
ہمیں اک عہد کرنا ہے
در و دیوار کی بے مہر خاموشی سے
آنکھوں میں دریچوں سے گزرتے
خوف کے لرزیدہ لمحوں سے
مکانوں میں مکینوں کی فسردہ ہم نشینی سے
سماعت میں اترتے اجنبی لہجوں سے
سنگ آثار آوازوں سے
ہر سو قریۂ بے سبزہ و گل میں
سرابوں کے چمکتے منظروں سے
عرصۂ بے سائباں میں آتشیں کرنوں کی بارش سے
نگاہوں کے سلگتے زاویوں میں
شہر ناپرساں کی صحرا آشنا ویرانیوں سے
اور ان نا آشنا رستوں کے سناٹوں سے
ان ڈھلتی ہوئی شاموں کی بے چہرہ اداسی سے
غم ہجراں کی ان جاں سوز صبحوں کی سسکتی ساعتوں سے
دل کے صحرا کی سلگتی بے کنارہ وسعتوں سے
اور سر شاخ تمنا کھلنے والی حسرتوں سے
عہد کرنا ہے
کہ ہم ہر اک صعوبت سے گزر جائیں گے لیکن
عرصۂ ہجراں کی اس جانکاہ تنہائی کی جاں آشوبیوں میں بھی
وطن کی نرم اور مہکی ہواؤں، دلنشیں صبحوں
شفق آثار شاموں کی سہانی ساعتوں کو اپنی پلکوں پر سجا لیں گے
سفر اندر سفر پھیلے ہوئے تنہائی کے صحرا میں ہم
عہد گزشتہ کی کسی مہتاب شب کو تازہ رکھیں گے
مسافت کے غبار آلود آئینے کو ہم
گزرے ہوئے لمحوں کے روشن عکس سے شفاف کر لیں گے
ہم اپنے طاق دل میں
اس کی یادوں کا دیا روشن رکھیں گے
لوح جاں پر خامۂ احساس سے
اس کی ہوس ناآشنا وارفتگی تحریر کر لیں گے
تو اپنی آنکھ کے جل تھل میں
اس کی مہرباں آنکھوں کے دلکش رنگ بھر لیں گے
ہم اس کے مرمریں ہاتھوں کے گل اندام لمسوں
انگبیں لہجے کی جاں آویز خوشبو
اور اس کے کاکل شب رنگ کی دلکش مہک کو
اپنی سانسوں میں بسا لیں گے
کہ اس کے شبنمیں چہرے کے ہم سارے دھنک رنگوں کو
اپنی سوچ کی گہرائیوں میں تہ رکھیں گے
اور جب ہم ہجر جاں آشوب کی وادی سے واپس
اس کے وصل مہرباں کے قریۂ مہر آشنا میں لوٹ جائیں گے
تو یہ ساری اذیت بھول جائیں گے
ہم ان وحشی ہواؤں کو چراغ یاد گل کرنے نہیں دیں گے

چلو آؤ

چلو آؤ
محبت کے پرانے آسماں سے ہم
ستارے توڑ کر لائیں
کہ جھلمل روشنی دیتے ہوئے کچھ ماہ پارے توڑ کر لائیں
چلو چھوڑو
ستارے اور روشن ماہ پارے کیا کریں گے
کس کی زلفوں میں انہیں ٹانکیں گے
کون اس عرصۂ ظلمت گران و کج نہاداں میں
محبت آشنا ہے یا کوئی مہتاب صورت ہے
چلو ہم
چاند کی مشعل سے کچھ کرنیں چرا لائیں
نہیں رہنے دو
اس شہر ستم سازاں میں کوئی چاند کا مداح کیا ہوگا
کہ جو اس کی چمکتی دل نشیں کرنوں کو
اپنے حلقۂ در میں سجائے گا
یہاں ہر موڑ پر ظلمت پسندوں کا بسیرا ہے
یہاں ہر سو اندھیرے بانٹنے والوں کا پھیرا ہے
یہاں ہر اک قدم تنہائی کا صحرا ہے
اس صحرا میں ہر سو وحشتیں ہی وحشتیں ہیں
آؤ ہم
ان وحشتوں کو پاؤں میں زنجیر کرتے ہیں

ہر تمنا سراب

پھر وہی روز و شب
پھر وہی لمحہ لمحہ مری لوح جاں پر اترتی ہوئی
ہجر کی ساعتیں
ہر قدم اور ہر پل اترتا ہوا
روح کا اضطراب
آنکھ کا سیل آب
اور اشکوں کے مضراب سے ساز دل پر تھرکتا ہوا
درد کا التہاب
کرب لمحات سے ٹوٹ کر
شہر جاں پر برستا ہوا ہجرتوں کا عتاب
وقت کے پیچ و خم سے الجھتا ہوا ایک خواب
ہر خوشی رائیگاں
ہر تمنا سراب

اک شہر امکاں جاگتا ہے (سعودی عرب کے شہر الریاض کی ایک پرانی بستی میں)

ابھی تہذیب زندہ ہے
شمیسی کے پرانے اور کچھ کچے مکانوں میں
پرانی وضع کے کچھ لوگ باقی ہیں
ابھی اس شہر کے افسردہ دامن میں پرانا شہر بستا ہے
جہاں اس کے شکستہ بام و در میں زندگی کا حسن باقی ہے
گلی کے موڑ پر اک بوڑھا اعرابی کھڑا ہے
جس کی آنکھوں میں ابھی تک
نجد کے صحرا میں چلتے قافلہ در قافلہ
ناقہ سواروں کے سفر کی گرد رخشندہ ہے
چہرے کی نمایاں سلوٹوں میں تہ بہ تہ
محمل نشینوں کی نظر کا لمس زندہ ہے
ابھی اس بوڑھے اعرابی کے ان رعشہ زدہ ہاتھوں میں
خیموں کی طنابوں کی حرارت جاگتی ہے-- اور--
ابھی اس شہر سے کچھ دور صحرا کے افق آثار دامن میں
کئی خیمہ نشیں شاموں کا سوز و ساز باقی ہے
ابھی صحرا کے وسعت آشنا ناقہ سواروں کا سفر جاری ہے
اونٹوں کی نکیلوں سے حدی کی لے
ہواؤں میں مہکتی ہے
جرس کے شور میں، ریگ رواں کے زیر و بم میں
آج بھی کتنے شتر بانوں کے نغمے گونجتے ہیں
اور فضاؤں میں بنی عامر کی آوازوں کا جمگھٹ
اب بھی جسم و جاں میں اک ہلچل مچاتا ہے
ابھی تہذیب زندہ ہے
ابھی تہذیب مر سکتی نہیں اک شہر امکاں جاگتا ہے

گزشتہ موسموں کی ایک تازہ نظم

وہ دن بھی یاد ہیں تجھ کو
کہ جب سورج کی کرنوں نے ترے چہرے کی قوسوں پر
ہوا کے گنگناتے زاویوں سے چمپئی رنگوں کی تحریریں لکھی تھیں
اور مری خواہش کے پیرائے میں کتنے لفظ
تیرے دل نشیں ہونٹوں کی جنبش میں تھرکتے تھے
تری سانسوں کی حدت سے پگھلتے تھے
تو تیری شبنمیں آنکھوں کی چھاگل سے چھلکتے تھے
وہ تیرے کاکل شب رنگ
تیرے ہاتھ کے لمس تمازت سے مہکتے تھے
وہ دن کیا یاد ہوں گے تجھ کو
جب مجھ کو گھنے پیڑوں کی ٹھنڈی چھاؤں سے
سیراب ہوتے موسموں کی چاہتوں نے
اور ترے چہرے کی شادابی کو مہکاتے ہوئے لمحوں نے
اک ہجر جنوں آمیز کا موسم دیا تھا
اور اک شام شفق آثار میں
جلتے ہوئے سورج کو میری سوچ کی ننگی ہتھیلی پر رکھا تھا
تجھ کو کیا یاد آئیں گے وہ دن
کہ جب تیرے فراق جاں گسل نے
میرے حصے میں فقط فصل شب غم کاشت کی
اور میری فردوس تمنا میں سلگتی وحشتیں،
احساس کے جلتے الاؤ بھر دیے تھے
میری شب آثار تنہائی وہ جاں افشار یکتائی
تجھے کیا یاد آئے گی
کہ تو اس لمحۂ جانسوز میں مجھ سے کہیں دور
اپنی خوشیوں کی ردائے بے حسی اوڑھے
کسی ناآشنائے درد کے کاخ ہمالہ بام میں خوابوں کی آرائش تھی
اور میرے دل صد لخت کی ہر بوند میں
بھیگا ہوا پیراہن گل رنگ تیرا
میری عمر بے سحر میں
کتنی ناآسودہ راتوں کی علامت بن گیا تھا
اور اب
جب وقت کے سیل رواں میں
کتنے ہی سالوں کی پونجی بہہ چکی ہے
میری جاں یہ کیا؟
ترے چہرے پہ یہ پرچھائیاں سی کیا ہیں
آنکھوں میں یہ کیسی وحشتیں ہیں
اور تیرے کاکل شب رنگ میں
کن موسموں کی دھوپ اتری ہے
یہ پلکوں پر اداسی کیا ہے
کیسے رتجگوں نے تیری آنکھوں کی چمک کو ماند کر کے
تیرے چہرے کی تمازت
اور ترے ہونٹوں کی سرخی چھین لی ہے
تیرے اس ڈھلتے ہوئے چہرے کی قوسوں پر
سسکتی بے رخی کیا ہے
چلو مانا
کہ ہم مٹھی سے تتلی کی طرح نکلے ہوئے لمحوں کو
اس گزرے ہوئے کل میں مقید کر نہ سکتے تھے
نہ اب گزرے ہوئے موسم (دوبارہ) اپنی جھولی میں گریں گے
ہاں مگر جاناں !
شکستہ چاہتوں کے درمیاں
تیرے دل آزردہ کے افسردہ گوشوں میں
گزشتہ موسموں کی کچھ حسیں یادیں ابھی محفوظ تو ہوں گی؟
وہ دن بھی یاد ہیں تجھ کو؟
کہ جب سورج کی کرنوں نے ترے چہرے کی قوسوں پر
ہوا کے گنگناتے زاویوں سے چمپئی رنگوں کی تحریریں لکھی تھیں

إ آوارہ تحیر

جب سر شام کوئی پیرہن راز و نیاز
تیرے گل رو و خوش انداز لبوں نے پہنا
تیری بے مہر نگاہوں سے گزرتا ہوا
جب حلقۂ آواز لبوں نے پہنا
میری بے کیف سماعت میں اترتے ہوئے لفظوں نے مجھے
ہجر آئندہ کے پیرائے میں ڈھل کر
یہ المناک خبر دی کہ نہیں
آج ہم صرف بچھڑنے کے لیے ملتے ہیں
وادی گل میں سر جاں وہ سلگتی ہوئی شام
آ گئی لے کے شب ہجر کا پیغام بھی ساتھ
دل کے اس معبد ویراں سے کئی بار یہ آواز آئی
ایک ہی بار رگیں کھینچ نہیں لیتی کیوں
اے شب ہجر بتا تیرا تقاضا کیا ہے؟
اور پھر کتنی ہی نمناک شبوں اور سلگتی ہوئی صبحوں کا تسلسل
مرے جاں سوز مہ و سال کا حاصل ٹھہرا
پھر سر راہ وہی شام مری آنکھ کی دہلیز پہ آ پہنچی
تو بے مہر نگاہوں نے کہا
اجنبی کون ہو تم؟
اپنے آوارہ تحیر کا تماشا بنے کیا دیکھتے ہو؟

یہ سب کیا ہے؟

ہوا کیوں گنگناتی ہے
فضا کس عہد گم گشتہ کے افسانے سناتی ہے
صبا کس سوگ میں آوارہ پھرتی ہے
سحر کیوں قطرہ قطرہ بھیگتی ہے
شام کیوں برد خموشی اوڑھ کر دہلیز شب پر سر پٹختی ہے
نہ جانے کیوں یہ تاریکی
سیہ راتوں میں ان روشن ستاروں کا مقدر ہے
نہ جانے کیوں یہ راتیں
آسماں کے تھال سے تاروں کی کرنیں چن رہی ہیں
ماہ و انجم کس لیے ہر شب نکلتے ہیں تو دن کو ڈوب جاتے ہیں
زمیں کیوں گھومتی ہے
اور فلک کا گنبد بے در
خلا اندر خلا حد نظر تک کس لیے پھیلا ہوا ہے
چارسو یہ گردش افلاک کیا شے ہے
ہمارے جسم کی پوشاک کیا ہے
خاک ہے تو پھر درون خاک کیا شے ہے
بدن میں آتش سیال جیسا دوڑتا پھرتا لہو کیا ہے
سر مژگاں سلگتے آنسوؤں کی حدتیں کیا ہیں
رگ و پے میں اترتے درد کے نوکیلے کانٹوں کی چبھن کیا ہے
مری تنہائی کے صحرائے وحشت خیز میں
یادوں کے گرد آلود رستوں پر اترتا ہجر کا سیل رواں کیا ہے
اگر میں ہوں تو یہ سب کیوں ہے؟
یہ سب ہے تو میں کیوں ہوں؟

شکست خواب کے بعد

سلگتی شام کے پہلو میں آنکھ بھر آئی
ترے وصال کا سورج شفق میں ڈوب گیا
نمود شام کا پیراہن طلسم آثار
فلک کے پردۂ صد رنگ نے لپیٹ لیا

اُدھر طلوع ہوا جب ترے فراق کا چاند
نگاہ میں دہک اٹھی ترے خیال کی لو
ہزار رنگ بداماں، ہزار نور بکف
ترے وجود کا پرتو، ترے جمال کی ضو

نمود صبح سے پہلے شکست خواب کے بعد
تصورات کے اک لمحۂ گریزاں میں
اٹھی جو آنکھ کسی سایۂ گماں کی طرف
خود اپنی ہستی موہوم کا یقیں نہ ہوا

قدم اپنے سنبھالو

یہ کیسی بے حسی ہے؟
آسماں چپ ہے
دہکتی آگ کا گولا سروں پر گھومتا ہے
اور زمیں پر اک عجب محشر بپا ہے
چارسو بے مہر آوازوں کا جنگل ہے
کہ سچائی کے سب مظہر گماں کی گرد میں گم ہو گئے ہیں
شہر کے اندھے مکیں خود اپنی تلواروں سے
اپنی شہ رگوں کو کاٹتے ہیں
اور بصارت رکھنے والوں کو
خود اپنے جسم و جاں سے خوف آتا ہے
دہلتے منظروں کی بے ردا چیخیں
سماعت کی چٹانوں پر مسلسل رقص کرتی ہیں
ٹھہر جاؤ قدم اپنے سنبھالو
پاؤں کے نیچے زمیں کو باندھ کر رکھو
ابھی بھونچال آنے میں ذرا سی دیر باقی ہے --!!

ہوا زنجیر مت کرنا
(پچاس سال بعد)
یونہی شاید
وہ منزل ہم کو مل جائے
یونہی شاید
زمیں کے بے کراں دشت رواں پر
چلتے چلتے ہم ٹھہر جائیں
یونہی شاید
وہ منزل ، جس کو ہم پیچھے، بہت پیچھے کہیں
اس خاک وحشت ناک کے چکر میں
اپنے پاؤں کے اڑتے بگولوں میں سسکتا چھوڑ آئے ہیں
ہوا چلتی رہے تو شاید
اس منزل کا لمس عنبریں ہم تک پہنچ جائے
ہوا چلتی ہے، چلنے دو
سفر کی دھول اڑتی ہے تو اڑنے دو
سفر کی دھول اڑتی ہے تو کتنے ان کہے شاداب موسم
آنکھ کی دہلیز پر آ کر ٹھہرتے ہیں
ہوا چلتی ہے تو کتنے پرانے منظروں کی یاد
خواب آثار رخساروں پہ گرتی ہے
سر شام سفر ڈھلتے ہوئے خورشید کے رنگیں کٹورے سے
سنہری دھوپ دیواروں پہ گرتی ہے
سفر تو پھر سفر ہے
اور اس کی وحشتیں بڑھتی ہی رہتی ہیں
کہاں جائیں، کہاں ٹھہریں
ہمیں چلنا تو ہے لیکن، کہیں آخر ٹھہرنا ہے
ٹھہرنے سے ذرا پہلے
حد آفاق تک اک خواب کا منظر اترنے دو
سفر کی دھول اڑنے دو
ہوا چلتی ہے، چلنے دو
ہوا زنجیر مت کرنا
ہوا زنجیر ہو جائے تو پھر کچھ بھی نہیں رہتا

طلسم

یہ خاموشی ہے کیا
چاروں طرف کیسا ہے سناٹا
گلی--- لمبی گلی
اور چارسو اک ہو کا عالم ہے
گلی کے موڑ سے اس موڑ تک
کوئی صدا ، کوئی بھی آہٹ تک نہیں آتی
سراغ دل سفر کے فرش پا انداز میں گم ہے
محبت دستکیں دیتی ہوئی آواز میں گم ہے

کوئی نم نہ رہنے دو (حادثۂ ہائلہ)

ہمارے زخم تو چھیلے گئے ہیں
ہاں! لہو بہتا ہے، بہنے دو
بدن دکھتا ہے، دکھنے دو
اب ان زخموں پہ تم مرہم نہ رکھو
زخم بھر بھی جائیں تو بھرنے سے کیا ہوگا
ہماری آنکھ کا سارا لہو بہہ جائے تو
بہنے سے کیا ہوگا
ہماری آنکھ سے جتنا لہو بہتا ہے، بہنے دو
ہمارے چاک رہنے دو
ہمارے چاک سل بھی جائیں تو سلنے سے کیا ہوگا
ہمارے زخم بہنے دو
ہماری آنکھ کی پتلی میں کوئی نم نہ رہنے دو

باغ جناح کی شب ابتدا

چاند نکلا ہے
مگر چاند تو پہلے بھی نکلتا تھا
یہ چاند، آج کا چاند
روش سبزہ و گل پر ہی اتر آیا ہے
مرمریں گھاس پہ جیسے کوئی آہستہ خرام
دل کے افسردہ در و بام تک آ پہنچا ہو
میری آنکھوں کے دریچوں میں اترتا ہوا چاند
اب تو لگتا ہے رگ جاں میں اتر آیا ہے
اور دل کے کسی اندوہ گزشتہ کی فسردہ لہریں
سامنے باغ کے اُس قطعۂ تاریک کے ٹھہرے ہوئے پانی میں
دھڑک اٹھی ہیں
قمقمے باغ کے روشن ہیں ستاروں کی طرح
اور مرے پاس کہیں
ایک بے نام صدا گونج اٹھی ہے
مری خاموش سماعت میں ترے پاؤں کی چاپ
چاندنی رات کے خاموش تحیر کی طرح پھیل رہی ہے
کوئی آوارہ و بے راہ تصور مرے سینے میں چمک اٹھا ہے
طاق جاں میں کوئی شعلہ سا دہک اٹھا ہے

وہی بارہ دری

باغ کی بارہ دری میں یہ فسردہ چہرے
جن کی آنکھوں میں ہے پنہاں کسی منظر کی تلاش
کوئی منظر جو اِن آنکھوں میں اتر آئے تو
افسردہ و غمناک نگاہوں میں کھل اٹھے
کوئی خوشبو، کوئی پھول
کسی منظر کی تلاش اِن کو یہاں لائی ہے
لیکن کوئی منظر انھیں ملتا ہی نہیں
آج بھی بارہ دری میں ہر سو
کتنی افسردہ فضا ہے کہ خموش اور ملول
پھیلتی جاتی ہے ہر چہرے پہ اک درد کی دھول
ایک یخ بستہ ہوا ہے کہ بہر سو
غم و اندوہ کی لہریں سی اتر آئی ہیں
چاندنی رات میں خاموش کسک سی ہے
کوئی درد سا ہے
اور تا حد نگاہ
کتنے چہرے ہیں فسردہ چہرے
کتنی آنکھیں ہیں فسردہ آنکھیں
ہر کوئی گھر سے فقط ایک ہی منظر کی طلب میں نکل آیا ہے
مگر بارہ دری
کتنی افسردہ تھی کل، کس قدر افسردہ ہے آج
دور اک قہقہہ سا گونج اٹھا ہے کوئی
مگر اس گونج میں بھی ایک عجب درد سا ہے
اور اِدھر پاس ہی اک شاخ خمیدہ کے تلے
پھیلتے، کانپتے، لرزیدہ، سمٹتے ہوئے دو سائے ہیں جو
سرسراتے ہوئے پتوں کی خنک لہروں میں
شاید اک دوسرے کو
اپنی کہانی کا کوئی باب سنانے کے لیے بیٹھے ہیں
اپنی باتوں کی رسیلی لے پر
اپنے ہاتھوں میں، جدا ہونے کا مضراب اٹھانے کے لیے بیٹھے ہیں
شاید اک دوسرے کو خواب دکھانے کے لیے بیٹھے ہیں
لیکن اے سوختہ جاں، دیکھ کہ یہ بارہ دری
اپنی چپ چاپ فضا میں گم سم
درد کی ایک فقط ایک کہانی لے کر
اتر آئی ہے مری آنکھ کی ویرانی میں
اے مرے سوختہ جاں!
دیکھ کہ یہ بارہ دری
کتنی افسردہ تھی کل، کس قدر افسردہ ہے آج
دور تک پھیلی ہوئی ایک اداسی کے سوا کچھ بھی نہیں

اختتام سے پہلے

وہی کہانی، مگر ایک باب ختم ہوا
اب اگلے باب کا کردار
اس فسانۂ رنگیں میں تیرے نام کا ہے
مگر یہ ڈر ہے، کہیں اختتام سے پہلے
وہ ایک نام کہ جو تیرے نام سے پہلے
گلاب رُت میں کھلا تھا
تو میری آنکھ نے ایک ایک حرف
برگ ستارہ نما سمجھ کے پڑھا تھا
طلوع شام سے پہلے
کہانی پھر وہی کردار لے کے پھیلتی جائے
تو اس کے بعد مرا اضطراب ختم نہ ہو
کہیں یہ عمر رواں کی کتاب ختم نہ ہو

صبح امید ڈر جائے گی

سانس آہستہ لے
اے مری جاں ذرا سانس آہستہ لے
اس قدر تیز سانسوں سے ایسا نہ ہو، ہونٹ جلنے لگیں
شیشۂ جاں پگھلنے لگے
جسم کا ریشہ ریشہ سلگنے لگے
خواہشوں کا غبار آنکھ سے درد کی راکھ بن کر نکلنے لگے
سانس آہستہ لے
تیز سانسوں کی گرمی رگوں میں لہو کو جلا جائے گی
تیز سانسوں کی حدت بدن میں اتر کر ترے برف جذبوں کو
پگھلا نہ دے
تیز سانسوں سے یہ برف جذبے پگھلنے لگے تو
کسی یاد کی سرسراتی ہوئی لہر تیرے تصور میں آ جائے گی
سرسراتی ہوئی لہر
ہاں، یاد کی سرسراتی ہوئی لہر دل تک اتر جائے گی
رات سوچوں کی گہرائیوں میں ٹھہر جائے گی
آنکھ بھر جائے گی
دن نکلنے کی ساعت سے پہلے ستاروں کے جھرمٹ میں
چاند اپنے منزل بہ منزل سفر میں
تری تیز چلتی ہوئی گرم سانسوں کو زنجیر کر کے
کسی یاد کے اک شکستہ محل میں اتر جائے گا
اور پھر کوئی آہستہ آہستہ چلتا ہوا اس شکستہ محل کے
پرانے در و بام تک غم کا آسیب بن کر ٹھہر جائے گا
صبح امید ڈر جائے گی
اور سورج کی پہلی کرن تو نکلنے سے پہلے ہی مر جائے گی
سانس آہستہ لے
اے مری جاں ذرا سانس آہستہ لے

ماہ و سال کے اس پار

مری جان ، میری متاع جاں !
تجھے یاد ہے؟
ترے ساتھ جتنے بھی ماہ و سال گزر گئے
مری جلتی بجھتی نگاہ میں سبھی ریزہ ریزہ اتر گئے
وہ جو حرف تھے مرے آنکھ میں
وہ جو آنسوؤں کے گلاب تھے
مرے درد تھے، مرے خواب تھے
مری چاہتوں کے سراب تھے
وہ فراق تھا کہ وصال تھا جو ترے خیال میں ڈھل گیا
کوئی تیر تھا جو جگر کے پار نکل گیا
یہ جو حرف حرف خیال ہیں
یہ جو برف برف وصال ، ہجر مثال ہیں
انھیں کون خیمہ خواب عمر میں راہ دے
انھیں کون حجلۂ جان و دل میں پناہ دے
کوئی اور کیوں انھیں اپنے قرب کی چاہ دے
کوئی اور کیوں ترے جسم اور مرے وجود کے درمیان ٹھہر سکے
فقط ایک میں ، فقط ایک تو
اسی کرب خواب کا ماحصل ہیں تو کس لیے
کوئی اور ہے جو ترے وجود، مرے خیال کے درمیاں ہے رُکا ہوا
مگر آج تک مری آنکھ میں اسی ایک حرف کا اضطراب ابد گماں ہے رُکا ہوا
وہی ایک حرف جو تیرے اور مرے ہجر کے مہ و سال کا کوئی عکس ہے
کہ ترے فریب جمال کا کوئی عکس ہے
مگر اے مرے دل و جاں کے ہمدم و مہرباں
تجھے یاد ہے؟
کہیں ماہ و سال کے اس طرف
وہ جو کتنے ہی مہ و سال تھے
وہ گزر گئے مگر آج تک
تجھے کیا خبر!
تری یاد میں، تری چاہ میں، کوئی آنکھ دل سے بھری رہی
مگر آج تک تری آنکھ میں وہی ایک بے خبری رہی

مرگِ انتظار

تو نہ آتا تو یہ خواب
اور کچھ دن یونہی زندہ رہتے
اور کچھ دن یونہی آنکھوں میں سجاتے
ترے چہرے کے نقوش
اور کچھ دن یونہی سینے میں ترے نام کی دھڑکن رہتی
اور کچھ دن یونہی لمحہ لمحہ
تار مژگاں پہ پروتے تری چاہت کے ستارے
تری خواہش کے حسیں رنگ
ترے لمسِ تصور کے کنول
اب جو تو لوٹ کے آیا ہے تو آنکھوں میں تری یاد
نہ چاہت کے ستارے ہیں
نہ خواہش کے حسیں رنگ
نہ پلکوں پہ ترے لمسِ تصور کے کنول ہیں
فقط اک نم ہے، نم شیشۂ جاں

*** شاعر کی اجازت سے برقیاتی عمل اور ای بک کی تخلیق: اعجاز عبید

2

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

شام شفق تنہائی