اردو شاعری و کلام

شام کے دروازے تک

مصنف: شہر یار
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (3,602 الفاظ)

شام کے دروازے تک

شہریار

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

حوصلہ دل کا نکل جانے دے مجھ کو جلنے دے، پگھل جانے دے

آنچ پھولوں پہ نہ آنے دے مگر خس و خاشاک کو جل جانے دے

مدتوں بعد صبا آئی ہے موسم دل کو بدل جانے دے

چھا رہی ہیں جو مری آنکھوں پر ان گھٹاؤں کو مچل جانے دے

تذکرہ اُس کا ابھی رہنے دے اور کچھ رات کو ڈھل جانے دے ٭٭٭

مشعلِ درد پھر اک بار جلا لی جائے جشن ہو جائے، ذرا دھوم مچالی جائے

خون میں جوش نہیں آیا زمانہ گذرا دوستو آؤ کوئی بات نکالی جائے

جان بھی میری چلی جائے تو کچھ بات نہیں
وار تیرا نہ مگر ایک بھی خالی جائے

جو بھی ملنا ہے ترے در سے ہی ملنا ہے اسے
در ترا چھوڑ کے کیسے یہ سوالی جائے

وصل کی صبح کے ہونے میں ہے کچھ دیر ابھی
داستاں ہجر کی کچھ اور بڑھا لی جائے
٭٭٭

سینے میں جلن آنکھوں میں طوفان سا کیوں ہے
اِس شہر میں ہر شخص پریشان سا کیوں ہے

دِل ہے تو دھَڑکنے کا بہانہ کوئی ڈھونڈے
پتھر کی طرح بے حِس و بے جان سا کیوں ہے

تنہائی کی یہ کون سی منزل ہے رفیقو!
تا حدِ نظر ایک بیابان سا کیوں ہے

ہم نے تو کوئی بات نکالی نہیں غم کی وہ زُود پشیمان، پشیمان سا کیوں ہے

کیا کوئی نئی بات نظر آتی ہے ہم میں
آئینہ ہمیں دیکھ کے حیران سا کیوں ہے
٭٭٭

جستجو جس کی تھی اس کو تو نہ پایا ہم نے
اس بہانے سے مگر دیکھ لی دنیا ہم نے

سب کا احوال وہی ہے جو ہمارا ہے آج یہ الگ بات کہ شکوہ کیا تنہا ہم نے

خود پشیمان ہوئے اس کو نہ شرمندہ کیا
عشق کی وضع کو کیا خوب نبھایا ہم نے

عمر بھر سچ ہی کہا سچ کے سوا کچھ نہ کہا
اجر کیا اس کا ملے گا یہ نہ سوچا ہم نے

کون سا قہر یہ آنکھوں پہ ہوا ہے نازل
ایک مدت سے کوئی خواب نہ دیکھا ہم نے
٭٭٭

جہاں تک ہوگا جب تک ہوگا دل بہلائیں گے ہم بھی
کسی دن تو تجھے بھولے سے یاد آجائیں گے ہم بھی

کریں گے ہم کہاں تک دور کی آواز کا پیچھا
ابھی اک موڑ ایسا آئے گا پچھتائیں گے ہم بھی

کہیں بھی زیست کے آثار دکھلائی نہیں دیتے
یہی صورت رہی جو چند دن، گھبرائیں گے ہم بھی

عجب وحشت تھی، گھر کے سارے دروازے کھلے رکھے
ہمیں معلوم تھا اک روز دھوکہ کھائیں گے ہم بھی

اس اک لمحے کے آنے تک غموں کو ملتوی رکھیں
وفائیں کرکے اپنی یاد جب پچھتائیں گے ہم بھی
٭٭٭

سنتا ہوں کہ وہ نہیں انکاری اس بات سے
کوئی نسبت تھی کبھی تجھ کو میری ذات سے

تو میرے ہمراہ تھا دروازے تک شام کے اسکے آگے کیا ہوا پوچھا جائے رات سے

پچھلی بارش میں مجھے خواہش تھی سیلاب کی
اب کے تو بتلا مجھے کیا مانگوں برسات سے

کام آئے جو ہجر کے ہر آئندہ موڑ پر
ایسا اک تحفہ مجھے دے تو اپنے ہاتھ سے

ہاں مجھ کو بھی دیکھ لے جینے کی لت پڑ گئی
ہاں تو نے بھی کر لیا سمجھوتہ حالات سے
٭٭٭

قصہ مرے جنوں کا بہت یاد آئے گا جب جب کوئی چراغ ہوا میں جلائے گا

راتوں کو جاگتے ہیں،اسی واسطے کہ خواب
دیکھے گا بند آنکھیں تو پھر لوٹ جائے گا

کب سے بچا کے رکھی ہے اک بوند اوس کی کس روز تو وفا کو مری آزمائے گا

کاغذ کی کشتیاں بھی بڑی کام آئیں گی جس دن ہمارے شہر میں سیلاب آئے گا

دل کو یقین ہے کہ سر رہگزار عشق کوئی فسردہ دل یہ غزل گنگنائے گا ٭٭٭

دامِ الفت سے چھوٹتی ہی نہیں زندگی تجھ کو بھولتی ہی نہیں

کتنے طوفاں اٹھائے آنکھوں نے ناؤ یادوں کی ڈوبتی ہی نہیں

تجھ سے ملنے کی تجھ کو پانے کی کوئی تدبیر سوجھتی ہی نہیں

ایک منزل پہ رک گئی ہے حیات یہ زمیں جیسے گھومتی ہی نہیں

لوگ سر پھوڑ کر بھی دیکھ چکے غم کی دیوار ٹوٹتی ہی نہیں ٭٭٭

تجھ کو کھو کر کیوں یہ لگتا ہے کہ کچھ کھویا نہیں
خواب میں آئے گا تو، اس واسطے سویا نہیں

آپ بیتی پر جہاں ہنسنا تھا جی بھر کے ہنسا
ہاں جہاں رونا ضروری تھا وہاں رویا نہیں

موسموں نے پچھلی فصلوں کی نگہبانی نہ کی
اس لئے اب کے زمینِ دل میں کچھ بویا نہیں

وقت کے ہاتھوں میں جتنے داغ تھے سب دھو دیئے
داغ جو تجھ سے ملا ہے اک اسے دھویا نہیں

کیسی محفل ہے یہاں میں کس طرح سے آ گیا
سب کے سب خاموش بیٹھے ہیں کوئی گویا نہیں
٭٭٭

اب وقت جو آنے والا ہے کس طرح گزرنے والا ہے
وہ شکل تو کب سے اوجھل ہے یہ زخم بھی بھرنے والا ہے

دنیا سے بغاوت کرنے کی اس شخص سے امیدیں کیسی
دنیا کے لئے جو زندہ ہے دنیا سے جو ڈرنے والا ہے

آدم کی طرح آدم سے ملے کچھ اچھے سچے کام کرے
یہ علم اگر ہو انساں کو کب کیسے مرنے والا ہے

دریا کے کنارے پر اتنی یہ بھیڑ یہی سن کر آئی
اک چاند بنا پیراہن کے پانی میں اترنے والا ہے
٭٭٭

ہوا یہ کیا کہ خموشی بھی گنگنانے لگی گئی رتوں کی ہر اک بات یاد آنے لگی

زمینِ دل پہ کئی نور کے مینارے تھے خیال آیا کسی کا تو دھند چھانے لگی

خبر یہ جب سے پڑھی ہے، خوشی کا حال نہ پوچھ
سیاہ رات! تجھے روشنی ستانے لگی

دلوں میں لوگوں کے ہمدردیاں ہیں میرے لئے
میں آج خوش ہوں کہ محنت مری ٹھکانے لگی

برا کہو کہ بھلا سمجھو یہ حقیقت ہے
جو بات پہلے رلاتی تھی اب ہنسانے لگی
٭٭٭

چاہتا کچھ ہوں مگر لب پہ دعا ہے کچھ اور
دل کے اطراف کی دیکھو تو فضا ہے کچھ اور

جو مکاں دار ہیں دنیا میں انہیں کیا معلوم
گھر کی تعمیر کی حسرت کا مزا ہے کچھ اور

جسم کے ساز پہ سنتا تھا عجب سا نغمہ
روح کے تاروں کو چھیڑا تو صدا ہے کچھ اور

پیشگوئی پہ نجومی کی بھروسہ کیسا
وقت کے دریا کے پانی پہ لکھا ہے کچھ اور

تو وفا کیش ہے جی جان سے چاہا ہے تجھے
تیرے بارے میں پہ لوگوں سے سنا ہے کچھ اور
٭٭٭

دل میں طوفان ہے اور آنکھوں میں طغیانی ہے
زندگی ہم نے مگر ہار نہیں مانی ہے

غمزدہ وہ بھی ہیں دشوار ہے مرنا جن کو
وہ بھی شاکی ہیں جنہیں جینے کی آسانی ہے

دور تک ریت کا تپتا ہوا صحرا تھا جہاں
پیاس کا کس کی کرشمہ ہے، وہاں پانی ہے

جستجو تیرے علاوہ بھی کسی کی ہے ہمیں
جیسے دنیا میں کہیں کوئی تیرا ثانی ہے

اس نتیجے پر پہنچتے ہیں سبھی آخر میں
حاصلِ سیرِ جہاں کچھ نہیں حیرانی ہے
٭٭٭

جو برا تھا کبھی اب ہو گیا اچھا کیسے
وقت کے ساتھ میں اس تیزی سے بدلا کیسے

جن کو وحشت سے علاقہ نہیں وہ کیا جانیں
بیکراں دشت میرے حصے میں آیا کیسے

کوئی اک آدھ سبب ہوتا تو بتلا دیتا پیاس سے ٹوٹ گیا پانی کا رشتہ کیسے

حافظے میں میرے بس ایک کھنڈر سا کچھ ہے
میں بناؤں تو کسی شہر کا نقشہ کیسے

بارہا پوچھنا چاہا کبھی ہمت نہ ہوئی دوستو راس تمہیں آئی یہ دنیا کیسے

زندگی میں کبھی ایک پل ہی سہی، غور کرو
ختم ہو جاتا ہے جینے کا تماشا کیسے
٭٭٭

جو کہتے ہیں کہیں دریا نہیں ہے سنا ان سے کوئی پیاسا نہیں ہے

دیا لے کر وہاں ہم جا رہے ہیں جہاں سورج کبھی ڈھلتا نہیں ہے

نہ جانے کیوں ہمیں لگتا ہے ایسا زمیں پر آسماں سایہ نہیں ہے

تھکن محسوس ہو رک جانا چاہیں سفر میں موڑ وہ آیا نہیں ہے

چلو آنکھوں میں پھر سے نیند بوئیں کہ مدت سے اسے دیکھا نہیں ہے ٭٭٭

شکوہ کوئی دریا کی روانی سے نہیں ہے
رشتہ ہی مری پیاس کا پانی سے نہیں ہے

کل یوں تھا کہ یہ قیدِ زمانی سے تھے بیزار
فرصت جنہیں اب سیرِ مکانی سے نہیں ہے

چاہا تو یقیں آئے نہ سچائی پہ اس کی
خائف کوئی گل عہدِ خزانی سے نہیں ہے

دوہراتا نہیں میں بھی گئے لوگوں کی باتیں
اس دور کو نسبت بھی کہانی سے نہیں ہے

کہتے ہیں میرے حق میں سخن فہم بس اتنا
شعروں میں جو خوبی ہے معانی سے نہیں ہے
٭٭٭

تمام شہر میں جس اجنبی کا چرچا ہے
سبھی کی رائے ہے، وہ شخص میرے جیسا ہے

بلاوے آتے ہیں کتنے دنوں سے صحرا کے
میں کل یہ لوگوں سے پوچھوں گا کس کو جانا ہے

کبھی خیال یہ آتا ہے کھیل ختم ہوا کبھی گمان گزرتا ہے ایک وقفہ ہے

سنا ہے ترکِ جنوں تک پہنچ گئے ہیں لوگ یہ کام اچھا نہیں پر مآل اچھا ہے

یہ چلچلاوے کے لمحے ہیں، اب تو سچ بولو
جہاں نے تم کو کہ تم نے جہاں کو بدلا ہے

پلٹ کے پیچھے نہیں دیکھتا ہوں خوف سے میں
کہ سنگ ہوتے ہوئے دوستوں کو دیکھا ہے
٭٭٭

ایسے ہجر کے موسم اب کب آتے ہیں تیرے علاوہ یاد ہمیں سب آتے ہیں

جذب کرے کیوں ریت ہمارے اشکوں کو تیرا دامن تر کرنے اب آتے ہیں

اب وہ سفر کی تاب نہیں باقی ورنہ ہم کو بلاوے دشت سے جب تب آتے ہیں

جاگتی آنکھوں سے بھی دیکھو دنیا کو خوابوں کا کیا ہے وہ ہر شب آتے ہیں

کاغذ کی کشتی میں دریا پار کیا دیکھو ہم کو کیا کیا کرتب آتے ہیں ٭٭٭

بجھنے کے بعد جلنا گوارا نہیں کیا ہم نے کوئی بھی کام دوبارہ نہیں کیا

اچھا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے یہ دنیا نے کیوں خیال ہمارا نہیں کیا

جینے کی لت پڑی نہیں شائد اسی لئے جھوٹی تسلیوں پہ گزارا نہیں کیا

یہ سچ اگر نہیں تو بہت جھوٹ بھی نہیں
تجھ کو بھلا کے کوئی خسارہ نہیں کیا
٭٭٭

اسے گناہ کہیں یا کہیں ثواب کا کام ندی کو سونپ دیا پیاس نے سراب کا کام

ہم ایک چہرے کو ہر زاوئیے سے دیکھ سکیں
کسی طرح سے مکمل ہو نقشِ آب کا کام

ہماری آنکھیں کہ پہلے تو خوب جاگتی ہیں
پھر اس کے بعد وہ کرتی ہے صرف خواب کا کام

وہ رات کشتی کنارے لگی کہ ڈوب گئی ستارے نکلے تو تھے کرنے ماہتاب کا کام

فریب خود کو دیئے جا رہے ہیں اور خوش ہیں
اسے خبر ہے کہ دشوار ہے حجاب کا کام
٭٭٭

کٹے گا دیکھیئے دن جانے کس عذاب کے ساتھ
کہ آج دھوپ نہیں نکلی آفتاب کے ساتھ

تو پھر بتاؤ سمندر صدا کو کیوں سنتے
ہماری پیاس کا رشتہ تھا جب سراب کے ساتھ

بڑی عجیب مہک ساتھ لے کے آئی ہے نسیم، رات بسر کی کسی گلاب کے ساتھ

فضا میں دور تلک مرحبا کے نعرے ہیں
گزر نے والے ہیں کچھ لوگ یاں سے خواب کے ساتھ

زمین تیری کشش کھینچتی رہی ہم کو
گئے ضرور تھے کچھ دور ماہتاب کے ساتھ
٭٭٭

دوست احباب کی نظروں میں برا ہو گیا میں
وقت کی بات ہے کیا ہونا تھا، کیا ہو گیا میں

دل کے دروازے کو وا رکھنے کی عادت تھی مجھے
یاد آتا نہیں کب کس سے جدا ہو گیا میں

کیسے تو سنتا بڑا شور تھا سناٹوں کا
دور سے آتی ہوئی ایسی صدا ہو گیا میں

کیا سبب اس کا تھا، خود مجھ کو بھی معلوم نہیں
رات خوش آ گئی، اور دن سے خفا ہو گیا میں

بھولے بسرے ہوئے لوگوں میں کشش اب بھی ہے
ان کا ذکر آیا کہ پھر نغمہ سرا ہو گیا میں
٭٭٭

جو منظر دیکھنے والی ہیں آنکھیں رونے والا ہے
کہ پھر بنجر زمیں میں بیج کوئی بونے والا ہے

بہادر لوگ نادم ہو رہے ہیں حیرتی میں ہوں
عجب دہشت خبر ہے شہر خالی ہونے والا ہے
٭٭٭

عجیب سانحہ مجھ پر گزر گیا یارو میں اپنے سائے سے کل رات ڈر گیا یارو

ہر ایک نقش تمنا کا ہو گیا دھندلا ہر ایک زخم میرے دل کا بھر گیا یارو

بھٹک رہی تھی جو کشتی وہ غرق آب ہوئی چڑھا ہوا تھا جو دریا اتر گیا یارو

وہ کون تھا وہ کہاں کا تھا کیا ہوا تھا اسے
سنا ہے آج کوئی شخص مر گیا یارو
٭٭٭

ان آنکھوں کی مستی کے مستانے ہزاروں ہیں
ان آنکھوں سے وابستہ افسانے ہزاروں ہیں

اک تم ہی نہیں تنہا الفت میں مری رسوا
اس شہر میں تم جیسے دیوانے ہزاروں ہیں

اک صرف ہمی مے کو آنکھوں سے پلاتے ہیں
کہنے کو تو دنیا میں میخانے ہزاروں ہیں

اس شمعِ فروزاں کو آندھی سے ڈراتے ہو
اس شمعِ فروزاں کے پروانے ہزاروں ہیں
٭٭٭

سب سے جدا ہوں میں بھی، الگ تو بھی سب سے ہے
اس سچ کا اعتراف زمانے کو کب سے ہے

پھر لوگ کیوں ہمارا کہا مانتے نہیں
سورج کو خوف سایۂ دیوارِ شب سے ہے
٭٭٭

سنو خوش بخت لوگو! لمحۂ نایاب آیا ہے
زمیں پر پیرہن پہنے بنا مہتاب آیا ہے

بنا سکتا ہے تم میں کوئی کاغذ ناؤ بتلاؤ
سنا ہے شہر میں، اے شہریو! سیلاب آیا ہے
٭٭٭

زندگی جیسی توقع تھی نہیں، کچھ کم ہے
ہر گھڑی ہوتا ہے احساس، کہیں کچھ کم ہے

گھر کی تعمیر تصور ہی میں ہو سکتی ہے
اپنے نقشے کے مطابق یہ زمیں کچھ کم ہے

بچھڑے لوگوں سے ملاقات کبھی پھر ہوگی
دل میں امید تو کافی ہے، یقیں کچھ کم ہے

اب جدھر دیکھیئے لگتا ہے کہ اس دنیا میں
کہیں کچھ چیز زیادہ ہے، کہیں کچھ کم ہے

آج بھی ہے تری دوری ہی اداسی کا سبب
یہ الگ بات کہ پہلی سی نہیں کچھ کم ہے
٭٭٭

خون میں لت پت ہو گئے سائے بھی اشجار کے
کتنے گہرے وار تھے خوشبو کی تلوار کے

اک لمبی چپ کے سوا بستی میں کیا رہ گیا
کب سے ہم پر بند ہیں دروازے اظہار کے

آؤ اٹھو کچھ کریں صحرا کی جانب چلیں
بیٹھے بیٹھے تھک گئے سائے میں دل دار کے

راستے سونے ہو گئے دیوانے گھر کو گئے ظالم لمبی رات کی تاریکی سے ہار کے

بالکل بنجر ہو گئی دھرتی دل کے دشت کی
رخصت کب کے ہو گئے موسم سارے پیار کے
٭٭٭

کس کس طرح سے مجھ کو نہ رسوا کیا گیا
غیروں کا نام میرے لہو سے لکھا گیا

نکلا تھا میں صدائے جرس کی تلاش میں
بھولے سے اس سکوت کے صحرا میں آ گیا

کیوں آج اس کا ذکر مجھے خوش نہ کر سکا
کیوں آج اس کا نام مرا دل دکھا گیا

اس حادثے کو سن کے کرے گا یقیں کوئی
سورج کو ایک جھونکا ہوا کا بجھا گیا
٭٭٭

کیا ارادہ تجھے بارہا بھلانے کا ملا نہ عذر ہی کوئی مگر ٹھکانے کا

یہ کیسی اجنبی دستک تھی کیسی آہٹ تھی ترے سوا تھا کسے حق مجھے جگانے کا

یہ آنکھ ہے کہ نہیں دیکھا کچھ سوا تیرے
یہ دل عجب ہے کہ غم ہے اسے زمانے کا

وہ دیکھ لو وہ سمندر خشک ہونے لگا
جسے تھا دعویٰ میری پیاس کو بجھانے کا

زمیں پہ کس لئے زنجیر ہو گئے سائے
مجھے پتہ ہے مگر میں نہیں بتانے کا
٭٭٭

کہیں ذرا سا اندھیرا بھی کل کی رات نہ تھا
گواہ کوئی مگر روشنی کے ساتھ نہ تھا

سب اپنے طور سے جینے کے مدعی تھے یہاں
پتہ کسی کو مگر رمزِ کائنات نہ تھا

کہاں سے کتنی اڑے اور کہاں پہ کتنی جمے
بدن کی ریت کو اندازۂ حیات نہ تھا

میرا وجود منور ہے آج بھی اس سے وہ تیرے قرب کا لمحہ جسے ثبات نہ تھا

مجھے تو پھر بھی مقدر پہ رشک آتا ہے
میری تباہی میں ہرچند تیرا ہاتھ نہ تھا
٭٭٭

زندگی جب بھی تری بزم میں لاتی ہے ہمیں
یہ زمیں چاند سے بہتر نظر آتی ہے ہمیں

سرخ پھولوں سے مہک اٹھتی ہیں دل کی راہیں
دن ڈھلے یوں تری آواز بلاتی ہے ہمیں

یاد تیری کبھی دستک کبھی سرگوشی سے رات کے پچھلے پہر روز جگاتی ہے ہمیں

ہر ملاقات کا انجام جدائی کیوں ہے
اب تو ہر وقت یہی بات ستاتی ہے ہمیں
٭٭٭

ہم پڑھ رہے تھے خواب کے پرزوں کو جوڑ کے
آندھی نے یہ طلسم بھی رکھ ڈالا توڑ کے

آغاز کیوں کیا تھا سفر ان خرابوں کا پچھتا رہے ہو سبز زمینوں کو چھوڑ کے

اک بوند زہر کے لئے پھیلا رہے ہو ہاتھ
دیکھو کبھی خود اپنے بدن کو نچوڑ کے

کچھ بھی نہیں جو خواب کی طرح دکھائی دے
کوئی نہیں جو ہم کو جگائے جھنجھوڑ کے

ان پانیوں سے کوئی سلامت نہیں گیا
ہے وقت اب بھی کشتیاں لے جاؤ موڑ کے
٭٭٭

حد نگاہ تک یہ زمیں ہے سیاہ پھر نکلی ہے جگنوؤں کی بھٹکتی سپاہ پھر

ہونٹوں پہ آ رہا ہے کوئی نام بار بار سناٹوں کے طلسم کو توڑے گی آہ پھر

پچھلے سفر کی گرد کو دامن سے جھاڑ دو آواز دے رہی ہے کوئی سونی راہ پھر

بیرنگ آسماں کو دیکھے گی کب تلک منظر نیا تلاش کرے گی نگاہ پھر

ڈھیلی ہوئی گرفت جنوں کی، کہ جل اٹھا
طاق ہوس میں کوئی چراغ گناہ پھر
٭٭٭

سورج کا سفر ختم ہوا رات نہ آئی حصے میں میرے خوابوں کی سوغات نہ آئی

موسم ہی پہ ہم کرتے رہے تبصرہ تا دیر
دل جس سے دکھے ایسی کوئی بات نہ آئی

یوں ڈور کو ہم وقت کی پکڑے تو ہوئے تھے
ایک بار مگر چھوٹی تو پھر ہاتھ نہ آئی

ہمراہ کوئی اور نہ آیا تو گلا کیا
پرچھائیں بھی جب میری میرے ساتھ نہ آئی

ہر سمت نظر آتی ہیں بے فصل زمینیں
اس سال بھی اس شہر میں برسات نہ آئی
٭٭٭

یہ کیا جگہ ہے دوستو یہ کون سا دیار ہے
حد نگاہ تک جہاں غبار ہی غبار ہے

یہ کس مقام پر حیات مجھ کو لے کے آ گئی
نہ بس خوشی پہ ہے جہاں نہ غم پہ اختیار ہے

تمام عمر کا حساب مانگتی ہے زندگی
یہ میرا دل کہے تو کیا یہ خود سے شرمسار ہے

بلا رہا تھا کیا کوئی چلمنوں کے اس طرف
مرے لئے بھی کیا کوئی اداس بےقرار ہے

نہ جس کی شکل ہے کوئی نہ جس کا نام ہے کوئی
اک ایسی شے کا کیوں ہمیں ازل سے انتظار ہے
٭٭٭

یہ قافلے یادوں کے کہیں کھو گئے ہوتے
اک پل بھی اگر بھول سے ہم سو گئے ہوتے

اے شہر تیرا نام و نشاں بھی نہیں ہوتا
جو حادثے ہونے تھے اگر ہو گئے ہوتے

ہر بار پلٹتے ہوئے گھر کو یہی سوچا اے کاش کسی لمبے سفر کو گئے ہوتے

ہم خوش ہیں ہمیں دھوپ وراثت میں ملی ہے
اجداد کہیں پیڑ بھی کچھ بو گئے ہوتے

کس منھ سے کہیں تجھ سے سمندر کے ہیں حقدار
سیراب سرابوں سے بھی ہم ہو گئے ہوتے
٭٭٭

محفل میں بہت لوگ تھے میں تنہا گیا تھا
ہاں تجھ کو وہاں دیکھ کر کچھ ڈر سا لگا تھا

یہ حادثہ کس وقت کہاں کیسے ہوا تھا
پیاسوں کے تعاقب میں سنا دریا گیا تھا

آنکھیں ہیں کہ بس روزنِ دیوار ہوئی ہیں
اس طرح تجھے پہلے کبھی دیکھا گیا تھا

اے خلقِ خُدا تجھ کو یقیں آئے نہ آئے کل دھوپ تحفظ کے لئے سایہ گیا تھا

وہ کون سی ساعت تھی پتہ ہو تو بتاؤ
یہ وقت شب و روز میں جب بانٹا گیا تھا
٭٭٭

بیتاب ہیں اور عشق کا دعویٰ نہیں ہم کو
آوارہ ہیں اور دشت کا سودا نہیں ہم کو

غیروں کی محبت پہ یقیں آنے لگا ہے یاروں سے اگرچہ کوئی شکوہ نہیں ہم کو

نیرنگیِ دل ہے کہ تغافل کا کرشمہ کیا بات ہے جو میری تمنا نہیں ہم کو

یا تیرے علاوہ بھی کسی شے کی طلب ہے یا اپنی محبت پہ بھروسہ نہیں ہم کو

یا تم بھی مداوائے الم کر نہیں سکتے یا چارہ گرو فکرِ مداوا نہیں ہم کو

یوں برہمیِ کاکلِ امروز سے خوش ہیں
جیسے کہ خیال رخِ فردا نہیں ہم کو
٭٭٭

دشمن دوست سبھی کہتے ہیں، بدلہ نہیں ہوں میں
تجھ سے بچھڑ کے کیوں لگتا ہے، تنہا نہیں ہوں میں

عمرسفر میں کب سوچا تھا، موڑ یہ آئے گا
دریا پار کھڑا ہوں گرچہ پیاسا نہیں ہوں میں

پہلے بہت نادم تھا لیکن آج بہت خوش ہوں
دنیا رائے تھی اب تک جیسی ویسا نہیں ہوں میں

تیرا لاثانی ہونا تسلیم کیا جائے
جس کو دیکھو یہ کہتا ہے تجھ سا نہیں ہوں میں

خواب تہی کچھ لوگ یہاں پہلے بھی آئے تھے
نیند سرائے تیرا مسافر پہلا نہیں ہوں میں
٭٭٭

دل چیز کیا ہے آپ مری جان لیجیے بس ایک بار میرا کہا مان لیجیے

اس انجمن میں آپ کو آنا ہے بار بار دیوار و در کو غور سے پہچان لیجیے

مانا کے دوستوں کو نہیں دوستی کا پاس
لیکن یہ کیا کہ غیر کا احسان لیجیے

کہیئے تو آسماں کو زمیں پر اتار لائیں
مشکل نہیں ہے کچھ بھی اگر ٹھان لیجیے
٭٭٭

اب تجھے بھی بھولنا ہوگا مجھے معلوم ہے
بعد اس کے اور کیا ہوگا مجھے معلوم ہے

نیند آئے گی، نہ خواب آئیں گے ہجراں رات میں
جاگنا، بس جاگنا ہوگا مجھے معلوم ہے

اک مکاں ہوگا، مکیں ہوگا نہ کوئی منتظر
صرف دروازہ کھلا ہوگا مجھے معلوم ہے

آگے جانا، اور بھی کچھ آگے جانا ہے مگر
پیچھے مڑ کر دیکھنا ہوگا مجھے معلوم ہے

زندگی کے اس تماشے میں کسی اک موڑ پر
کوئی شامل دوسرا ہوگا مجھے معلوم ہے
٭٭٭

یہ قافلے یادوں کے کہیں کھو گئے ہوتے
اک پل بھی اگر بھول سے ہم سو گئے ہوتے

اے شہر ترا نام و نشاں بھی نہیں ہوتا جو حادثے ہونے تھے اگر ہو گئے ہوتے

ہر بار پلٹتے ہوئے گھر کو یہی سوچا اے کاش کسی لمبے سفر کو گئے ہوتے

ہم خوش ہیں ہمیں دھوپ وراثت میں ملی ہے
اجداد کہیں پیڑ بھی کچھ بو گئے ہوتے

کس منھ سے کہیں تجھ سے سمندر کے ہیں حقدار
سیراب سرابوں سے بھی ہم ہو گئے ہوتے
٭٭٭
ہندی رسم الخط سے ٹرانسلٹریشن بذریعہ
http://uh.learnpunjabi.org/default.aspx
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

شام کے دروازے تک