ادبِ اطفال

شبنمی قطرے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (2,582 الفاظ)

شبنمی قطرے

پیارے پیارے بچوں کے لئے خوب صورت نظمیں

فضل ربی راہی

انتساب

اپنے بیٹوں
جواد، ماجد اور طلحہ
کے نام
جنہیں اچھے انسان بننا ہیں

فضل ربی راہی

حمد باری تعالیٰ

تری رحمتوں کا سہارا ہے ہم کو
ہر اِک شے سے بڑھ کر تُو پیارا ہے ہم کو

زمیں میں ، فضا میں تِری داستاں ہے
سمندر کی موجوں میں تُو ہی عیاں ہے

یہ چاند اور سُورج، یہ روشن ستارے یہ نُورِ ازل سے منور شرارے

یہ پھُول اور خوش بُو، یہ آہُو، یہ جگنو
تِری ذاتِ واحد، نمایاں ہے ہر سُو

گل و یاسمن تیرے دم سے معطّر ہوائے چمن تیرے دم سے معنبر

وہ جنگل ہے یا کوئی کھیتی ہری ہے ہے جو کچھ بھی تیری ہی کاری گری ہے

یہ دُنیا ہے فانی، سب اس میں ہیں راہی
بقا بس جسے ہے وہ تُو ہے الٰہی!
٭٭٭

نعت شریف

جہاں بھر کے رہبر ہمارے نبی ہیں زمانے سے بہتر ہمارے نبی ہیں

یہ شمس و قمر، اُن کے دم سے ہیں روشن منور ، منور ہمارے نبی ہیں

دل و جاں سے بڑھ کر وہ ہم کو ہیں پیارے خدا کے پیمبر، ہمارے نبی ہیں

نبی سب کے سب آپ کے مقتدی ہیں رسولوں کے سرور ہمارے نبی ہیں

اُنہیں عرش پر خود خدا نے بُلایا کہ رتبے میں برتر ہمارے نبی ہیں

میں راہی نہ کیوں کر درود اُن پہ بھیجوں
کہ محبوبِ داور ہمارے نبی ہیں

(صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم) ٭٭٭

دُعا

مجھے دے الٰہی! تُو وہ زندگی
کروں میں ہر اِک پل تری بندگی

مجھے نیک و اطوار و دانا بنا مجھے نیک رستے پہ چلنا سِکھا

مجھے علم و حکمت کی دولت ملے سخاوت ملے اور عزت ملے

غریبوں کا خادم بنا دے مجھے خطاؤں پہ نادم بنا دے مجھے

الٰہی وطن میرا آباد رکھ وطن کے مکینوں کو دِل شاد رکھ

مجھے دینِ حق کا سپاہی بنا مجھے نیک راہوں کا راہی بنا ٭٭٭

نیک بنو اور نیک بناؤ

اپنے دیس کو خوب سجاؤ اپنے دیس کو تُم چمکاؤ

دین کی باتوں کو اپناؤ نیک بنو اور نیک بناؤ

ہر دم اچھے کام کرو تُم اوروں کے بھی کام آؤ

حق کی خاطر جان سے کھیلو دُنیا سے باطل کو مٹاؤ

پاک وطن کی پاک زمیں کو اپنی محنت سے دمکاؤ

تھام لو اپنے دیس کا پرچم یہ پرچم گھر گھر لہراؤ

راہی کی باتیں ہیں خوش بُو خوش بُو کو جگ میں پھیلاؤ ٭٭٭

انکساری

کسی گلستاں میں گُلِ تر کھلا تھا بہت خوب صورت ، حسیں اور بھلا تھا

بہت دُور قدرت نے اس کو کھِلایا سراپا مگر، اس کا دِل کش بنایا

وہ رنگوں کی چادر میں لپٹا ہوا تھا لباس اس کو قوسِ قزح کا ملا تھا

وُہ خُوش بو کا پیکر تھا، دل کش بڑا تھا
مگر پھر بھی سر کو جھُکائے کھڑا تھا

بہت حق کو مرغوب ہے انکساری
عبادت ہے اے ساتھیو! خاکساری
٭٭٭

عزم

تُجھ کو اے پاک دھرتی جنت نما کریں گے
امن و اماں ہو قائم دل سے دُعا کریں گے

بھر دیں گے روشنی سے، ہم تیرا ذرّہ ذرّہ
اپنے لہو سے روشن، تیری فضا کریں گے

تیرا ہو بول بالا، تُجھ کو اے پاک دھرتی!
سارے جہاں سے بڑھ کر ہم خوش نما کریں گے

ہم نونہال سارے، تجھ کو نہ مٹنے دیں گے
دل اپنا، جان اپنی، تجھ پر فِدا کریں گے

دُنیا میں نام ہوگا، چرچا بھی عام ہوگا
علم و عمل کا ایسا روشن دیا کریں گے

دینا پڑا جو ہم کو دیں گے لہو بھی راہی
اپنے وطن کی خدمت یوں ہی سدا کریں گے
٭٭٭

وقت

تیز کتنی وقت کی رفتار ہے بھاگنے کو یہ سدا تیار ہے

وقت کو ہر وقت لاؤ کام میں یہ گزرنے میں بہت طرار ہے

کون گزرا وقت لا سکتا ہے پھر؟
ایسی کوشش مت کرو بے کا رہے

کام میں لایا ہے جو بھی وقت کو یُوں سمجھ لو، اس کا بیڑا پار ہے

قدر جس کو وقت کی ہوتی نہیں وہ مسائل سے سدا دوچار ہے

قدر کرتا ہے، جو راہی وقت کی کام یابی کو اسی سے پیار ہے ٭٭٭

غصّہ

غصّہ ہے انسان کا دُشمن غصّہ دین، ایمان کا دُشمن

وہ انسان بڑا کہلائے غصّے پر جو قابو پائے

غصّہ اندھا کر دیتا ہے نفرت دل میں بھر دیتا ہے

غصّہ عقل اٹھا لے جائے اپنے ساتھ بہا لے جائے

اس پر قابو پانا سیکھو غصّے کو پی جانا سیکھو

غصّے میں تم جب بھی آؤ فوراً غصّے کو پی جاؤ ٭٭٭

پاکستانی بچّے

ہم ہیں پاکستانی بچے قول کے پکّے، بات کے سچّے

اچھے اچھے کام کریں گے خوش حالی کو عام کریں گے

محنت سے ہر کام کریں گے روشن ملک کا نام کریں گے

علم کی دولت حاصل کر کے سارے جگ میں عام کریں گے

محنت، محنت، محنت، محنت صبح سے ہم تا شام کریں گے

ہم ہیں پاکستانی بچّے قول کے پکے بات کے سچّے ٭٭٭

سحر ہو گئی ہے

سحر ہو گئی ہے، اُٹھو سونے والو!
اُٹھو مفت میں وقت کو کھونے والو!

وہ سورج نے مشرق سے چہرہ نکالا اندھیرے پہ آیا ہے غالب اُجالا

ہوائے سحر ایک انعام لائی نئی آرزوؤں کا پیغام لائی

اُٹھو باس سونگھو معطّر چمن کی
نزاکت تو دیکھو! گل و یاسمن کی

دمکتی فضائیں، مہکتی ہوائیں پرندوں کی میٹھی چہکتی صدائیں

سحر ہو گئی ہے، اُٹھو سونے والو!
اُٹھو مفت میں وقت کو کھونے والو!
٭٭٭

اپنا پرچم

اپنا پرچم سب کو پیارا اپنا پرچم چاند ستارا

سارے جگ سے ہے یہ پیارا پرچم ہے بے مثل ہمارا

اس کی ہے کچھ شان نرالی اپنا پرچم سب سے عالی

اپنا پرچم پیارا پرچم روشن روشن سارا پرچم

سب سے اس کی آن نرالی آن نرالی ، شان نرالی

ہم پر اس کا سایا چھائے ہر دم یہ لہراتا جائے

اس سے ہے ہم سب کو پیار اس پر ہو یہ جان نثار

اپنا پرچم سب کو پیارا اپنا پرچم آنکھ کا تارا ٭٭٭٭

ہم کلیاں ہم تارے

ہم ہیں کلیاں، ہم ہیں تارے
ہم ہیں سورج، چاند ، ستارے
عزم کے پکّے بچے سارے

ہم ہیں سب کے راج دُلارے ہم ہیں کلیاں، ہم ہیں تارے

اُلفت کا ہم درس پڑھائیں
ہم سوئی تقدیر جگائیں
اندھیاروں کو دُور بھگائیں

مستقبل کے ہم ہیں سہارے ہم ہیں کلیاں، ہم ہیں تارے

رحمت کے طالب ہیں الٰہی!
ہم ہیں سارے حق کے سپاہی
راہِ خدا میں سب ہیں راہی

بچے ہیں ہم، پیارے پیارے ہم ہیں کلیاں، ہم ہیں تارے ٭٭٭

ہمارا وطن

حسیں مثلِ انجم ہمارا وطن ہے ہمارا وطن پیارا پیارا وطن ہے

ہمارا وطن ہم کو ہر شے سے پیارا ہمارا وطن زندگی کا سہارا

ہمیں اس وطن سے عقیدت بڑی ہے عقیدت بڑی اور محبت بڑی ہے

وطن کی بدولت ہے عزت ہماری وطن کی بدولت ہے عظمت ہماری

ہم اس کو ہمیشہ سجاتے رہیں گے سدا اس کی زینت بڑھاتے رہیں گے

خدا اس کو رکھے ہمیشہ سلامت سلامت رہے یہ چمن تا قیامت ٭٭٭

محبت

محبت زندگی کا ہے سہارا زمانے کا ہے یہ روشن ستارا

نہ ہو گر جاگزیں دل میں محبت سمجھ لو دل نہیں زندہ تمہارا

محبت سے ہوا ہے رام ہر دِل محبت کا ہے یہ جذبہ نیارا

محبت نے کھِلائے پھُول پیارے محبت سے چمن مہکا ہے سارا

وہ دل معمور ہوگا راحتوں سے ہو جس دل میں محبت کا شرارا

محبت سے کرو راہی محبت کہ ہر جذبہ محبت کا ہے پیارا ٭٭٭

سورج، چاند، ستارے

سورج اور یہ چاند ستارے کتنے ہیں یہ پیارے پیارے

چمکیلے اور روشن روشن اُجلے اُجلے ان کے نظارے

دُور بھگائیں اندھیاروں کو رات کو جب روشن ہوں سارے

ان کے دم سے راتیں منور دن کو بکھیرے روشن دھارے

ان کی بدولت ساری رونق یہ تو ہیں روشن منارے

تارے ہیں راتوں کے راہی سورج سے ہیں دن اُجیارے ٭٭٭

پیارے پیارے بچو!

اے پیارے پیارے بچو!
اے اچھے اچھے بچو!

اے ننھے منے تارو ماں باپ کے دلارو

رونق ہو تم وطن کی مہکے ہوئے چمن کی

تم سے وطن کی عظمت تم سے وطن کی شوکت

تم دولتِ وطن ہو تم زینتِ چمن ہو

تم دل لگا کے پڑھنا محنت سے آگے بڑھنا

اے پیارے پیارے بچو!
اے اچھے اچھے بچو!
٭٭٭

ننھی منّی پیاری چڑیو!

ننھی مُنّی پیاری چڑیو!

اُٹھ جاتی ہو صبح سویرے پیڑوں پہ کرتی ہو بسیرے

ذکرِ خدا جب تُم کرتی ہو دامن خوشیوں سے بھرتی ہو

ہر شے رب نے پیدا کی ہے ہم کو ہر اِک نعمت دی ہے

یہ سب کو گا کر سمجھاؤ حمد خدا کی کرتی جاؤ

ننھی مُنّی پیاری چڑیو!
٭٭٭

عِلم

علم ہی سے جہاں میں عظمت ہے علم اِک لا زوال دولت ہے

عِلم سے آدمی کی ہے پہچان علم سے آدمی بنے انسان

عِلم کیا کیا ہمیں سکھاتا ہے عِلم انساں ہمیں بناتا ہے

عِلم ہی ذہن کو جِلا بخشے عِلم فرحت ہمیں سدا بخشے

جس جگہ بھی ملے تمہیں، سُن لو عِلم کے گوہر حسیں چُن لو

اِک نیا آفتاب بن جاؤ علم کی روشنی کو پھیلاؤ ٭٭٭

میرے پیارے پاکستان!

سب سے اچھی تیری شان میرے پیارے پاکستان

ہم سب تیرے رکھوالے ہم سب تیرے متوالے

تجھ پر جان اور دل قربان میرے پیارے پاکستان

تو ہے قمر، تُو ہے خورشید تُو اپنی خوشیوں کی نوید

تُو ہے اپنا دل اور جان میرے پیارے پاکستان

تُو ہے سب کا، تُو میرا تُو خوشیوں کا ہے ڈیرا

ہم سب کی خوشیوں کے مان میرے پیارے پاکستان ٭٭٭

کہاں ہے تیرا ثانی؟

سبھی کا تُو خدا! حاجت روا ہے
تُو ہی ہر حال میں مشکل کُشا ہے

تیرے جلوے نمایاں بحر و بر میں فروزاں تُو ہے اس شام و سحر میں

سبھی کی بخش دیتا ہے خطائیں تُو ہی منظور کرتا ہے دُعائیں

تیرے ہی آستاں پر سر جھُکا ہے کہ تُو ہی مالکِ ارض و سما ہے

ہر اِک غرقاب کشتی کا کنارا جہاں میں بے کسوں کا تُو سہارا

کہاں یا رب! نہیں تیری نشانی؟
تُو ہر جا ہے کہاں ہے تیرا ثانی؟
٭٭٭

ہمارے قائد اعظم

ہمارے قائد اعظم ، ہمارے قائد اعظم
کبھی شعلہ کبھی شبنم، ہمارے قائد اعظم

مسلمانوں کے رہبر تھے، تمناؤں کے محور تھے
دلوں کے واسطے مرہم، ہمارے قائد اعظم

مخالف سے نہ ڈرتے تھے، جو کہتے تھے وہ کرتے تھے
چٹانوں کی طرح محکم، ہمارے قائد اعظم

ہمیں عزت و عظمت دی، ہمیں آزادگی بخشی
نہیں بھولیں گے ان کو ہم، ہمارے قائد اعظم

ہر اِک فرد ان پہ شیدا ہے، جسے دیکھو یہ کہتا ہے
سراپا کاوش پیہم، ہمارے قائد اعظم

وہ راہِ حق کے راہی تھے، وہ غازی تھے سپاہی تھے
کفن بردوش تھے ہر دم، ہمارے قائد اعظم

کبھی شعلہ کبھی شبنم، ہمارے قائد اعظم
ہمارے قائد اعظم، ہمارے قائد اعظم
٭٭٭

یا رب! مِری دُعا ہے

نیکی سے ہو محبت مجھ سے ہو جگ کی زینت بن جاؤں بیش قیمت

یا رب مِری دُعا ہے تجھ سے یہ التجا ہے

ہو نیک سب ارادے سچا مجھے بنا دے اونچا مجھے اٹھا دے

یا رب! مِری دعا ہے
تجھ سے یہ التجا ہے

حق بات بس کہوں میں طاعت تری کروں میں بس حق کا دم بھروں میں

یا رب! مِری دُعا ہے
تجھ سے یہ التجا ہے
٭٭٭

وطن کے بچے

پیارے وطن کے بچے لگتے ہیں کتنے اچھے

یہ پھُول ہیں وطن کے مہکے ہوئے چمن کے

لگتے ہیں سب کو اچھے میرے وطن کے بچے

سب دل لگا کے پڑھنا آگے کی سمت بڑھنا

اِک پل نہ ہارنا تم کل کو سنوارنا تم

تم ہو وطن کی زینت تم سب ہو بیش قیمت

اعلیٰ مقام پاؤ جگ میں دوام پاؤ

پیارے وطن کے بچے لگتے ہیں کتنے اچھے ٭٭٭

خود اپنی پہچان بنو!

اپنے دیس کی جان بنو تم روشن پاکستان بنو تم

اپنے وطن کی آن بنو تم
اپنے وطن کی شان بنو تم
خود اپنی پہچان بنو تم

آزادی کے گیت سناؤ حُبّ وطن کے نغمے گاؤ بغض کدورت دِل سے مٹاؤ

دُنیا میں ذی شان بنو تم خود اپنی پہچان بنو تم

ہر دم اچھے کام کرو تم
علم کی دولت عام کرو تم
روشن جگ میں نام کرو تم

کچھ ایسے انسان بنو تم خود اپنی پہچان بنو تم ٭٭٭

میں پیاسا ہوں علم و ہنر کا

تُو ہے مالک بحر و بر کا تُو ہے خالق خیر و شر کا

ساری فصلیں تُو نے اُگائیں تُو رازق ہر ایک بشر کا

صحرا تیرے ، دریا تیرے ناظم ہے تُو خشک و ترکا

جو کچھ پایا تُجھ سے پایا مالک ہے تُو مال و زر کا

مولا میری جھولی بھر دے میں پیاسا ہُوں علم و ہنر کا ٭٭٭

پھُول

سارے جگ میں نام ہے میرا خُوش بُو دینا کام ہے میرا

شاخوں پر لہراتا ہُوں میں خوش بو خُوب پھیلاتا ہُوں میں

باغ میں آؤ خوش ہو جاؤ پھولوں سے تُم جی بہلاؤ

کتنا رنگیں اور حسیں ہُوں میں ٹہنی پر ایک نگیں ہُوں

توڑو گے تو مَر جاؤں گا شاخ سے کٹ کر مُرجھاؤں گا

دیکھو راہی! پھُول نہ توڑو
پھول سے پیار کا رشتہ جوڑو
٭٭٭

جاگو جگاؤ!

رات اندھیری بیت گئی ہے صبح کی رانی جیت گئی ہے

مٹ جائے گا اب اندھیرا آ نکلے گا جلد سویرا

جاگ اُٹھے ہیں بچے پیارے جاتے ہیں اسکول کو پیارے

تم بھی جاگو سب کو جگاؤ تاریکی کو دُور بھگاؤ

جاگو! وقت کو کھونے والو
اُٹھو! اپنی منزل پالو

جاگو راہی سب کو جگاؤ بستہ لو، اسکول کو جاؤ ٭٭٭

جیوے پاکستان

اس کو ہم نے خوں سے نکھارا، پاکستان ہمارا
جیوے پاکستان ہمارا، پاکستان ہمارا

سبز ہلالی پرچم، اس کا جس پر چاند اور تارہ
یہ ہے مسرت کا اِک نغمہ، خوشیوں کا گہوارہ
اس کے ہر دُشمن کو یارو! کر دو پارہ پارہ
دُنیا بھر میں سب سے پیارا، پاکستان ہمارا

اس کو ہم نے خوں سے نکھارا، پاکستان ہمارا
جیوے پاکستان ہمارا، پاکستان ہمارا

اس کے دریا، اس کی جھیلیں اس کے حسیں نظارے
کتنے اُجلے، کتنے سُندر، کتنے پیارے پیارے
تاروں سے بھی بڑھ کر روشن، اس کے ذرے سارے
دل کش اس کا ہر نظارہ ، پاکستان ہمارا
اس کو ہم نے خوں سے نکھارا، پاکستان ہمارا
جیوے پاکستان ہمارا، پاکستان ہمارا
٭٭٭

علم سے ہر سُو کرو اُجالا

علم سے ہوگا راج ہمارا تخت ہمارا، تاج ہمارا

علم سے ہوگی شان نرالی علم سے ہوگی آن نرالی

بول رہی ہے علم کی دولت علم ہے طاقت، علم ہے نعمت

عِلم سے ہر سُو کرو اُجالا عِلم سے ہوگی عظمت بالا

عِلم سے اپنا سینہ بھر دو روشن سارا عالَم کر دو

عِلم سے اپنی شان بڑھاؤ!
عِلم سے دُنیا پر چھا جاؤ!
٭٭٭

آزادی کا جشن مناؤ

آزادی کا دِن جب آیا کیسی کیسی خوشیاں لایا

اس دن ہم آزاد ہوئے تھے دُشمن سب ناشاد ہوئے تھے

اِک گلشن تعمیر ہوا تھا ہر ذرّہ تنویر ہوا تھا

اللہ نے انعام دیا تھا آزادی کا جام دیا تھا

آزادی کا جشن مناؤ پھولوں سے گلشن مہکاؤ ٭٭٭

شان والا

تُو کہ مولا ہے شان والا ہے ہر طرف تیرا بول بالا ہے

پھُول تُو نے کھلائے ہیں کیا کیا بیل بوتے سجائے ہیں کیا کیا

پھُول کلیوں سے حُسن جھلکے تیرا ذرّے ذرّے سے نُور چھلکے تیرا

سب سے اُونچا مقام تیرا ہے سب کے ہونٹوں پہ نام تیرا ہے

بے سہاروں کا تُو سہارا ہے تُجھ کو شاہوں نے بھی پکارا ہے

تُو کہ مولا ہے شان والا ہے ہر طرف تیرا بول بالا ہے ٭٭٭

تارے

نیلے گگن پر تارے چمکیں جیسے روشن ہیرے دمکیں

روشن کرنوں کے ہیں دھارے جگ مگ، جگ مگ کرتے تارے

روشنی ہر سُو یہ پھیلائیں اندھیاروں میں راہ دِکھائیں

دیکھو! تارے مُسکاتے ہیں
ہم سب کے دِل بہلاتے ہیں

پیارے بچو! تارے بچو
روشن نُور کے دھارے بچو!

شوق سے لکھنا پڑھنا سیکھو!
آگے آگے بڑھنا سیکھو

جگ میں اچھے کام کرو تم جگ میں پیدا نام کرو تُم ٭٭٭

ماخذ: http://www.urduweb.org/mehfil/showthread.php?7410

تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

شبنمی قطرے