شرارتی اور دوسرے افسانے
خورشید عالم آرا
کافی پارٹی
پیالیوں سے اُٹھتی ہوئی بھاپ فضا کو کہر آلود بنا رہی تھی۔وہ پانچوں بیٹھی اپنی اپنی مصروفیت اور ہنگامی زندگی پر بات کر رہی تھیں۔چار انتہائی ماڈرن کپڑوں اور جیولری میں ملبوس تھیں۔پانچویں بہت سادہ سی تھی اور اُن کا حصّہ نہیں لگ رہی تھی ،وہ کافی پینے کے لئے جمع ہوئی تھیں اور خود کو یہاں کے ماحول میں ڈھالنے کے لئے اسے ضروری سمجھتی تھیں۔ایک نے اپنا کنگن ہاتھوں میں گھماتے ہوئے کہا ’’اس دفعہ میں سونے کی چوڑیاں خریدوں گی ، بڑے اچھے ڈیزائن آئے ہوئے ہیں ‘‘۔دوسری نے کہا ،میں بھی اس دفعہ ہیرے کا بریسلٹ لینے کا سوچ رہی ہوں ‘‘تیسری نے کہا بھئی میرے پاس تو اب اتنی چیزیں ہیں کہ نمبر اتنے دنوں میں آتا ہے کہ جب بھی پہنوں نیا لگتا ہے ،ایک تو میرے شوہر ہر دفعہ تحفے میں بس گولڈ یا ڈائمنڈ ہی کی چیز دیتے ہیں دوسرے مما بھی ہر آنے جانے والے کے ہاتھ بس گولڈ ہی بھیجتی ہیں۔اس لئے مجھے خود تو اب کچھ خریدنا ہی نہیں پڑتا ،۔چوتھی تھوڑا خاموش اور دبی دبی تھی اُس نے کہا مجھے گولڈ زیادہ پسند نہیں مجھے آرٹیفیشل اچھا لگتا ہے جب تک چاہے استعمال کرو جتنے چاہے خرید لو۔کیونکہ مجھے میچنگ پسند ہے اس لئے میں میچنگ زیور خریدتی ہوں۔پانچویں ان باتوں سے لا تعلق بیٹھی تھی۔چپ چاپ سب کی باتیں سُن رہی تھی۔وہ ان میں کچھ عرصہ پہلے شامل ہوئی تھی لیکن اپنی جگہ نہیں بنا پا رہی تھی۔پہلی نے پھر ڈیزائنر کپڑوں کا رُخ کیا ،بھئی میری الماری تو ھِل فیگر ،آرمانی اور کلائن کے کپڑوں سے بھری پڑی ہے ،اب دل چاہتا ہے کہ اور کوئی ڈیزائنر بھی آئے کہ ان کے کپڑے تو اب سب ہی لینے لگے ہیں۔‘‘دوسری پرس کی طرف متوجہ ہوئی ،مجھے تو ڈیزائنر پرس پسند ہیں اب یہ والا ہی دیکھ لو میں نے ایک ہزار ڈالر کا لیا تھا اب تک ایسا دوسرا نظر نہیں آیا ‘‘تیسری نے کہا مجھے تو جوتوں کا شوق ہے یقین کرو میری الماری کا نچلا خانہ تو بس جوتوں سے بھرا ہوا ہے۔میرے شوہر جہاں بھی جاتے ہیں میرے لئے بیحد قیمتی جوتے لاتے ہیں انہیں میری پسند کا بہت خیال ہے ،۔چوتھی نے اس بات میں زیادہ حصہ نہ لیا اور خاموشی سے کافی کی چسکیاں لیتی رہی ،۔پانچویں کی طرف کسی کی توجہ نہیں تھی اور نہ ہی اس نے کسی بات میں حصہ لیا۔وہ ان سب کا حصہ لگ ہی نہیں رہی تھی انتہائی سادہ سی تھی لیکن بہت پُر وقار۔وہ حیران پریشان ان کی باتیں سن رہی تھی اور سوچ رہی تھی کہ یہ میری جگہ نہیں ہے۔کیونکہ سونا اس کے پاس بھی تھا وہ پہنتی بھی تھی مگر اپنی خوشی کے لئے کسی پر رعب ڈالنے یا جھوٹی شان جھاڑنے کے لئے نہیں ،کپڑے اسے سادہ پسند تھے ،اُسے مہنگے پرس سے کوئی سرو کار نہ تھا اور جوتا تو ہمیشہ اسے وہ پسند تھا جو اس کے پیر کو آرام دے اس لئے اُسے اس کی قیمت سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔اُسے ایک دم ایسا لگا جیسے اُن سب کے پرس میں پڑے کریڈٹ کارڈز چیخ رہے ہوں لیکن اُس کا پرس سکون سے تھا اور اس میں پڑا کارڈ بھی ہلکا پھلکا تھا۔وہ اُن سب سے معذرت کرتی ہوئی اُٹھ گئی اُس نے سوچا کہ زندگی ڈیزائنر ہونی چاہئے ایسی ڈیزائن کی ہوئی جو سب کے بیچ اپنی اہمیت جگائے۔یہ ڈیزائنر چیزیں تو صرف کچھ لوگوں کا خاصہ ہیں اور شاید زیادہ تر پارٹیوں میں دکھائی جانے والی چیز۔جو سوائے کچھ منٹوں کے سکون اور شیخی کے کچھ نہیں دیتیں۔وہ سامنے سے آنے والی بس میں بیٹھ کر انتہائی سکون سے گھر کی طرف رواں ہو گئی ،وہ سوچ رہی تھی یہ نمائش ہمیں کتنے جھوٹ اور غلط بیانات پر اُکساتی ہے ہم ان چیزوں ہی سے کیوں ایک دوسرے کو پرکھتے ہیں ،کیا سادگی کا کوئی مقام نہیں ،اُس کے کانوں میں گانے کا وہ مصرعہ گونجا
انہیں کوئی کاش یہ بتا دے مقام اونچا ہے سادگی کا۔
٭٭٭
بندہ کسی دے کم آوے
اکثر بئیر کریک پارک جانا ہوتا ہم وہاں بنے ٹریک پر چلتے اور بچے جاگنگ کرتے اور واپس آ جاتے۔آج میں چار چکر لگانے کے بعد تھک گئی اور سامنے بنے ایک بینچ پر بیٹھ گئی جہاں پہلے سے ایک انتہائی معصوم شکل والی بوڑھی خاتون بیٹھی تھیں مجھے دیکھ کر مسکرائیں کہنے لگیں۔ ’’آ جا بہ جا، میں بیٹھ گئی۔’’پنجابی اندی اے‘‘ انھوں نے پوچھا۔ ’’آہو تھوڑی تھوڑی‘‘۔ اُ کوئی گل نئی سمجھ تے آندی اے نا’’ آ ہو‘‘ میں نے جواب دیا۔ وہ بہت خوش ہوئیں۔’’ ساڈے کار وچ سارے انگریجی بولدے نے بس میرا بیٹا تے بہو میرے نال پنجابی بولدے نے ،بچیاں نو کی کہندے نے مینو کُج سمجھ نئی آندا‘‘ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا۔میں نے کہا آپ کو اردو سمجھ آئے گی۔ اُو ہاں تیرے جئی تھوڑی تھوڑی‘‘ میں نے کہا تو چلو ٹھیک ہے پھر تو بات کرنے کا مزہ آئے گا آپ پنجابی بولو میں اردو‘‘۔وہ بہت ہی پیاری ہنسی ہنسیں اور میری دوست بن گئیں مجھے بہت مزہ آیا۔میں نے پوچھا آپ یہاں روز آتی ہو ‘‘ اُو نیئں دوجے تیجے روج چکّر لگاندی آں جب کار وچ گبھرا ہٹ ہوندی اے ‘‘ آپ اکیلی آ جاتی ہو ‘‘ آہو اے سامنے تے کار ہے گا ‘‘انہوں نے ایسے اشارہ کیا جیسے مجھے سامنے نظر آ جائے گا مجھے ان کی معصومیت پر بہت پیار آیا۔۔تو روج آندی اے ‘‘نہیں میں تو بہت کم آتی ہوں مگر آپ سے ملنے آؤں گی آپ اب کب یہاں آئیں گی ؟ وہ بے اختیار ہنسیں ان کی ہنسی میرے کانوں میں جلترنگ سی بجا گئی نہ معلوم کیوں مجھے ان کی ہنسی بہت پیاری لگی یا تو میں نے بڑے دنوں بعد ایک بوڑھی جاندار ہنسی سنی تھی یا پھر پتہ نہیں کیوں ؟انہوں نے کہا ، میں شکّر وار نو آواں گی توں آئے گی ‘‘اُنہوں نے اس قدر اپنائیت سے پوچھا کہ میں حیران رہ گئی۔ میں نے کہا وعدہ نہیں کرتی مگر کوشش ضرور کروں گی ‘‘ بچّے واپس آ گئے بچوں نے عادت کے مطابق انہیں ھیلو کہا اور وہ بھی بڑی اپنائیت سے انھیں جیوندے رہو پتر کہہ کر دعا دینے لگیں ہم واپس ہوئے راستے میں بچوں نے پوچھا امی یہ کون تھیں ؟ میرے جواب دینے سے پہلے بڑے نے کہا امی کی پارک کی دوست تھیں۔ اور ہم ہنستے بولتے گھر واپس آ گئے۔ اب ایسا ہوا کہ جب بھی بچے بیئر کرک جاتے میں ضرور ان کے ساتھ جاتی وہ اکثر مجھے مل جاتیں اسطرح میری ان سے پکّی دوستی ہو گئی اب وہ اکثر اپنی پریشانیاں مجھ سے بانٹتیں مگر میں بڑی حیران ہوتی کہ اس میں شکوہ بہت کم ہوتا بلکہ وہ ہر بات کو اپنوں کی مجبوری کہہ کر خود کو تسلّی دے لیتیں۔ ان کا یہ انداز مجھے ان کے اور قریب لے آیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر کے انتقال کے بعد ان کا بیٹا انڈیا سے انہیں اپنے پاس لے آیا کیونکہ وہاں ان کی دیکھ بھال کے لئے کوئی نہیں تھا وہ اس کے پاس آ کر خوش تو بہت ہیں مگر انہیں کچھ باتوں کی تکلیف بھی تھی۔انہوں نے بتایا کہ بچے صرف انگریزی بولتے ہیں وہ ان سے بے تکلّف نہیں ہو پاتیں نہ وہ ان کی بات سمجھتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں بہت مشکل ہوتی ہے بیٹا اور بہو دونوں جاب کرتے ہیں اس لئے بہت کم وقت گھر میں گزرتا ہے۔ جب وہ نہیں تھیں تو بچے کسی کے پاس چھوڑتے تھے اس کے پیسے بھی دیتے تھے۔اب وہ بچّوں کی دیکھ بھال کرتی ہیں بچّے انہیں کافی پریشان بھی کرتے۔ مگر بقول ان کے جب ماں سامنے نہ ہو تو بچے بدتمیز ہو ہی جاتے ہیں اگر میں بہو کو بتاؤں تو وہ ناراض ہو جاتی ہے وہ کہتی ہے تم تو سارا دن گھر میں رہتی ہو ذرا باہر نوکری کر کے دیکھو تو تم کو پتہ چلے وہ یہ بات سناتے ہوئے بے اختیار ہنسیں میں حیران ہوئی کہ وہ اپنے دکھ پر بھی ہنس رہی تھیں کہنے لگیں۔ لے دس جواناں نوں تے اتھے نوکری لبھدی نیئں تے مینوں نوکری کون دیویگا۔‘‘ میں بھی ان کی ہنسی میں شامل ہو گئی یہ تو واقعی آپ نے صحیح کہا ، آپ نے اپنی بہو سے نہیں پوچھا کہ آپ کو نوکری کون دیگا ؟ وہ پھر ہنسیں۔ میں او دے نال مگج ماری نئیں کردی تھکی ہوندی ہے نا ‘‘ مجھے ان کی محبت پر پیار آیا اور دل چاہا کاش ان کی بہو بھی ان کے خیال کو سمجھ پاتی۔ وقت بغیر لگام گزر رہا تھا گرمی تھی دن بھی لمبے تھے اور چہل پہل سے بھر پور لیکن مجھے وہ بہت دن سے نظر نہیں آ رہی تھیں میں بے چین بھی تھی اور ان کا خیال بھی آ رہا تھا مگر مہینے گزر گئے وہ مجھے نظر نہ آئیں ای کدن بچوں نے آ کر بتایا۔امی آج وہ آپ کی دوست آنٹی ملی تھیں آپ کو یاد کر رہی تھیں ان کی باتیں ہمیں زیادہ تو سمجھ نہیں آیئں مگروہ کمزور سی لگ رہی تھیں انہوں نے آپ کو کل بلایا ہے ‘‘ مجھے بیحد خوشی ہوئی دوسرے دن میں تیزی سے پارک میں داخل ہوئی وہ اپنی مخصوص جگہ پر بیٹھی تھیں میں بھاگ کر ان کی طرف گئی وہ بھی تیزی سے کھڑی ہوئیں اور ہم ایسے ملے جیسے ماں بیٹی ملتی ہوں ، میں نے کہا۔ آپ کہاں تھیں اتنے دن سے نظر نہیں آئیں ؟ کمزور سی لگ رہی ہیں کیا حال ہے ؟ کیسی ہیں ؟ میرے منہ سے بے اختیار وہ سارے سوال نکل گئے جو میں پوچھنا چاہتی تھی۔ اُو جرا دم تے لے دسدی آن دسدی آں ‘‘ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا
مینو نوکری مل گئی اے‘‘ کیا آپ کو نوکری مل گئی کہاں ؟ میں نے انتہا ئی حیرت سے پوچھا۔ اُو آہو میں ھُن بیری دے فارم وچ کَم کردی آں پنج گھنٹیاں تِن دن تے میرا بیٹا وی خوش اے تے بہو وی راجی اے تینو پتہ اے ھُن میری بہو وی میرا بوھتا خیال رکھدی اے تے بچے وی ھُن پنجابی سیکھن جاندے نے تاکہ اُنا نوں میری گَل دی سمجھ آوے ‘‘ انھوں نے بڑی خوشی سے کہا یہ تو بڑی اچھی بات بتا ئی میں تو آپ کے لئے بڑی پریشان تھی۔مگر آپ تھک جاتی ہوں گی میں نے کہا۔ ، اُو کوئی گَل نیئں جد سارے خوش رہندے نے میرا کھیال رکھدے نے تے ساری تھکن دور ہو جاندی اے بس ربّکو لوں اے ہی دعا منگدی آں کہ اُو مینو ہمت دیوے ‘‘ انہوں نے بڑی عاجزی سے کہا۔ تو اب آپ سے ملاقات کیسے ہو گی ؟ اچھا ایسا کریں میرا فون نمبر رکھ لیں جب کبھی آپ پارک آئیں تو مجھے فون کیجیئے گا میں بھی آ جاؤں گی۔ اے ٹھیک اے۔، میں نے انہیں اپنا فون نمبر دیا اور انہوں نے وہ کاغذ اپنے دوپٹے کے پلّو میں باندھ لیا ان کی اس حرکت نے مجھے وہ تمام بزرگ خواتین یاد دلا دیں جن کے دوپٹوں میں میں ایسی گرہیں بندھی دیکھتی آئی تھی۔ وقت گزرتا رہا اس دفعہ جب ان سے ملاقات ہوئی تو وہ کافی کمزور سی لگیں تھکن بھی ان کے چہرے پر عیاں تھی میں نے ان کی خیریت پوچھی وہ بالکل پہلے دن کی طرح ہنسیں مگر آج ان کی ہنسی میں مجھے بڑھاپا اور تھکن جھلکتی نظر آئی۔ انھوں نے بتایا کہ گھر کے حالات تو تھوڑے بہتر ہیں ان کے پیسے سے بھی سہارا لگ رہا ہے مگر وہ بہت تھک جاتی ہیں انہوں نے سب سے خوشی کے ساتھ جو بات مجھے بتائی وہ یہ تھی کہ ان کا بڑا پوتا اب پنجابی بولنے لگا ہے اور سمجھتا بھی ہے۔ چھوٹا بھی کوشش کر رہا ہے وہ بہت خوش تھیں کہ بچے اپنی زبان بولنے اور سمجھنے لگے ہیں۔ میں نے کہا اگر آپ تھک جاتی ہیں تو کام چھوڑ دیں اپنے بیٹے سے کہیں۔ ، اُو نا کڑ ئے او نیئیں کیندا مینو کام کرن نو اے تو میں خود آپ ای کرنی آں۔ جب تک جیوندے آں کَم کر ئے کی جاندا اے اے تے چنگی گل ہے گی کہ بندہ کسے دے کَم آوے ہور اگر اپنے بچیاں دے کَم آوے تے ہور وی چنگّا ‘‘ انہوں نے کہا۔ مجھے بہت اچھا لگا مگر نا معلوم کیوں میں ان کی تھکن کو بہت محسوس کر رہی تھی میں ان سے رخصت ہو ئی مگر ان کی ہمت نے مجھ میں بھی ہمت بھر دی کہ آدمی جب تک زندہ رہے کام آنے کی کوشش کرے نہ کہ شکوے ہی کرتا رہے۔
میں نے فون اُٹھایا کسی صاحب کی آواز تھی۔انگلش میں کہا گیا مجھے آپ کا نام تو معلوم نہیں مگر یہ فون نمبر میری امی کے پاس تھا اس لئے آپ کو فون کیا۔میں نے کہا خیریت ہے ، اس فن کہا میری امی کا انتم سنسکار ہے آپ آئیں تو ؛؛؛؛؛؛اس نے شاید کسی گردوارے کا نام بھی لیا مگر میں کچھ نہ سن سکی کہ میرا ساتھ شاید پارک ہی تک تھا ،مگر میری یادوں میں وہ چہرہ ہمیشہ رہے گا اور کہتا رہے گا کہ۔جب تک جیوندے آں کَم کرئے اے تے چنگی گَل اے کہ بندہ کسی دے کَم آوے ہور اگر آپ نے بچیاں دے کَم آوے تے ہور وی چنگا۔۔
٭٭٭
معصوم آگ
روز ہی دھماکوں اور حملوں کی خبریں آ رہی تھیں نہ معلوم کیوں میرا ذہن کچھ سال پیچھے چلا گیا۔
باجی میں سامان گاڑی تک لے جائے گا ‘۔’اے باجی میں سامان گاڑی تک پہنچا دے گا‘ میں نے مڑ کر دیکھا ایک سرخ سفید افغانی بچہ میرے پیچھے تھا شاید چھ سات سال کا ہو گا۔
تم اتنے چھوٹے سے ہو کتنا سامان اٹھا لو گے ؟‘ میں نے اس کی جسامت سے بڑی اس کی ٹوکری دیکھتے ہوئے کہا ،’اٹھا لے گا باجی میں اٹھا لے گا میں بہت سامان اٹھاتا ہوں ‘ ’ اچھا چلو ‘ اور میں آلو والے کی طرف متوجہ ہوئی ، میں ہر ہفتے سبزی منڈی سے سبزی لیتی تھی۔وہ چھوٹا سا بچہ میرے ساتھ ساتھ ہر سبزی والے کی طرف جاتا رہا مگر آج میں نے کوشش کی کہ بہت وزن اس پر نہ پڑے اس لئے میں نے اپنی خریداری آدھی کر دی وہ بہت انہماک سے ہر سبزی والے سے میرا خریدا ہوا سامان اپنی ٹوکری میں رکھتا رہا پھر میرے پیچھے پیچھے کار کی طرف آ گیا۔
میں نے ڈگی کھولی اور اس نے ساری سبزی اس میں رکھ دی میں نے ایک ٹماٹر اور ایک گاجر اس کی طرف بڑھائی ’لو یہ تم کھا لینا ‘
میں بھیک نہیں لیتا ‘اس نے انتہائی سختی سے کہا ،
’بے وقوف بھیک تھوڑی ہے مین تو تمہیں اپنی خوشی سے دے رہی ہوں ‘ مگر اس نے گاجر اور ٹماٹر نہیں لیا بلکہ اپنی مزدوری دو روپئے لے کر چلا گیا۔میں بہت حیران تھی کہ آج ایک ایسے خود دار ننھے فرشتے سے ملاقات ہوئی گو بہت مختصر تھی مگر مجھے چونکا گئی ،کیونکہ سبزی منڈی میں زیادہ تر بڑے گھاگ اور تیز بچوں سے واسطہ پڑتا تھا بلکہ کبھی کبھی تو وہ سبزی بھی پار کر جاتے تھے اس بچے کا معصوم سا چہرہ مجھے یاد آتا رہا اور یہ سوچ کر بھی دل دکھا کہ اتنی چھوٹی سی عمر میں وہ محنت اور مشقت کر رہا تھا مجھے افسوس ہوا کہ مجھے اس سے بات کرنا چاہئے تھی مگر گاجر اور ٹماٹر لینے سے انکار نے میری ہمت پست کر دی تھی۔
آج میں پھر سبزی منڈی جا رہی تھی ایک دعوت تھی اور ہمیں کچھ زیادہ سبزی خریدنی تھی اس لئے میرے شوہر بھی میرے ساتھ تھے میری خواہش تھی کہ وہ بچہ مجھے پھر ملے کبھی کبھی دعا جلدی قبول ہو جاتی ہے جہاں ہم نے کار پارک کی وہ مجھے وہیں بیٹھا نظر آیا میں نے آواز دی اور وہ بھاگ کر آ گیا۔
ہاں باجی سامان اٹھانا ہے آج ہم پانچ روپیہ لے گا ‘اس نے بغیر رکے کہا۔
کیوں بھئی پانچ روپئے کیوں تم تو دو روپئے لیتے ہو ‘ نہیں باجی آج ہم پانچ روپیہ لے گا :
اچھا ٹھیک ہے چلو پانچ روپئے دوں گی :وہ میرے پیچھے پیچھے چلنے لگا۔’ ارے یہ اتنا سا بچہ کتنا سامان اٹھائےگا :‘ میرے شوہر نے اس کو دیکھتے ہوئے کہا ، نہیں کوئی بات نہیں ہم بھی اٹھا لیں گے دیکھیں تو کتنا معصوم سا ہے نہ معلوم کس مشکل میں ہے : اور دل میں سوچا کہ آج اس سے بات کرنے کی کوشش کروں گی۔
میری یہ ھابی سمجھ لیں کہ میں اکثر ایسے مانگنے والوں یا ایسے محنت کرنے والوں سے ان کے حالات جاننے کی کوشش کرتی تھی جو مجھے چونکا دیتے تھے اور یہ ہی جستجو مجھے اس بچے کی طرف مائل کر رہی تھی میں جاننا چاہتی تھی کہ وہ اتنا چھوٹا سا کیوں اس مشکل کا شکار ہوا۔وہ چپ چاپ سر جھکائے اور ٹوکری کاندھے پر لٹکائے ہمارے پیچھے پیچھے تھا۔راستے میں اکثر بچے اس سے اس کی زبان میں بات کرتے وہ انہیں مختصر سا جواب دیتا اور ہمارے ساتھ چلنے لگتا ’یہ تمہارے دوست ہیں ‘ ’ نہیں یہ بھی و ہاں رہتا ہے جہاں ہم رہتا ہے ‘ اس پر کافی بوجھ ہو گیا تھا اس لئے کچھ سامان میں نے اور میرے شوہر نے بھی اٹھا یا ہوا تھا لیکن وہ بہ ضد تھا کہ وہ سب اٹھا لے گا اور اس نے ضد کر کے میرے ہاتھ سے تو سامان لے ہی لیا۔
کار کی طرف جاتے ہوئے میں نے اس سے پوچھا ’آج تم نے اپنی مزدوری کیوں بڑھا دی ‘ باجی ہمارا ماں کو بخار ہے ہمکو اس کی دوائی لینی ہے ہم جلدی واپس جانا چاہتا ہے اس لئے ہم نے زیادہ پیسہ مانگا ‘ ارے تو تم یہاں کیوں آ گئے اپنی ماں کے پاس رہتے ‘ ’اگر ہم ادھر مزدوری نہیں کرے گا تو دوائی کہاں سے لائے گا ہم اس لئے آیا کہ دوائی کا پیسہ کما لے ‘ تمہارا باپ کہاں ہے کہیں اور کام کر رہا ہے ‘ میں نے پوچھا
ہمارا باپ نہیں ہے بس ہمارا ماں ہے اور ایک چھوٹا بہن ہے ‘ اس نے انتہائی بے رخی سے جواب دیا اور سامان گاڑی میں رکھ دیا میں نے اسے پانچ روپئے دیئے جو اس نے تیزی سے اپنی میلی کچیلی قمیض کی اندرونی جیب میں رکھ لئے۔
باجی تم روز ادھر آتا ہے ‘ نہیں میں ہفتے میں ایک بار آتی ہوں ‘ ٹھیک ہے میں اگلا ہفتہ تم کو ڈھونڈھ لے گا ‘ اور وہ تیزی سے برابر والی گاڑی سے اترنے والے جوڑے کی طرف چلا گیا ’ باجی سامان اٹھوائے گا‘
کام کرتے ہوئے بھی مجھے اس کا خیال آتا رہا اور میں نے اس کی ماں کے لئے دعا بھی کی دعوت کی مصروفیت اور تھکن نے اس کا خیال بھلا دیا ہفتہ کدھر گزر گیا پتہ ہی نہ چلا اس ہفتے سبزی منڈی جانے کا کوئی جواز نہ تھا کیونکہ سبزی بہت تھی اس لئے اس ہفتے سبزی منڈی کے ناغے کا مجھے بہت افسوس تھا کیونکہ مجھے اس بچے سے ملنے کی بے چینی تھی مگر مین نے یہ سوچ لیا تھا کہ اگلے ہفتے اس سے ضرور پوچھوں گی کہ وہ کن حالات کا شکار ہے یہ تو مجھے معلوم تھا کہ بہت ساری افغان فیملیز پاکستان میں پناہ لئے ہوئے ہیں اور بہت ہی پریشانیاں اٹھا کر یہاں پہنچے ہیں نہ معلوم کیوں یہ معصوم بچہ میری توجہ اپنی طرف کھینچ رہا تھا۔ حالانکہ سبزی منڈی میں دسیوں بچے ٹوکرے اٹھائے پھرتے تھے کہ سامان اٹھوا لو انہیں دیکھ کر کبھی مجھے خیال بھی نہ آیا کہ میں ان سے ان کی کہانی پوچھوں مگر یہ بچہ نہ جانے کیوں شاید اپنے رویئے کی وجہ سے یا شاید معصومیت کی وجہ سے میری توجہ کا مرکز بن رہا تھا۔
اس دفعہ سبزی لینے گئی تو وہ مجھے نظر نہیں آیا۔میں نے بہت ڈھونڈا پھر ایک پیاز والے سے جو سامنے ہی بیٹھتا تھا اس سے پوچھا اس نے اپنی لا علمی کا اظہار کیا ارے باجی یہاں تو سارا دن سامان اٹھاتے پھرتے ہیں روز ایک نیا بچہ نظر آتا ہے اور پرانے کہاں چلے جاتے ہیں پتہ نہیں۔ میں نے سبزی لی اور خود ہی اٹھا کر کار تک آ گئی مگر مجھے بے چینی ضرور ہو گئی کہ وہ بچہ کیوں نہیں آیا ؟پھر سوچا کہ شاید وہ دوپہر میں آتا ہو اور میں یہ سوچ کر مطمئن ہو گئی کہ اگلی دفعہ دیر میں آؤں گی۔
جیسے ہی کار رکی وہ بچہ تیزی سے ہماری کار کی طرف آیا ’باجی میں سامان اٹھائے گا ‘اور جتنی خوش میں اسے دیکھ کر ہوئی اتنا ہی خوش وہ بھی ہوا۔’اوہ باجی تم کدھر تھا اتنے دن سے نہیں آیا ‘میں تو آئی تھی مگر تم مجھے نظر نہیں آئے ‘
’اوہ باجی میں صبح میں پڑھنے جاتا ہوں اس لئے دوپہر میں آتا ہوں ‘ اس نے کہا تمہاری ماں کیسی ہے ؟
وہ تو ٹھیک ہو گیا بڑا تیز بخار چڑھا تھا اس کو ‘ اس نے ساتھ چلتے ہوئے کہا میں آہستہ چل رہی تھی تاکہ اس سے بات کر سکوں
’تم یہاں کب سے رہتے ہو‘؟ بہت دن ہو گیا ادھر آ کر مگر ٹائم کا پتہ نہیں کتنا سال ہو گیا یہ مجھ کو نہیں معلوم ‘’اور کتنے لوگ ہیں تمہارے گھر میں ‘
کیوں پوچھتا ہے ‘وہ ناراض ہو گیا۔ ارے نہیں تم مجھے اچھے لگے اور بچوں کی طرح بد تمیز نہیں ہو اس لئے پوچھا ‘
میرا باپ اور بھائی ان لوگوں نے مار دیا ابھی بس میرا ماں ہے اور ایک چھوٹا بہن‘ وہ سر جھکائے میرے ساتھ ساتھ چل رہا تھا سبزی لینے کے دوران ہم لوگوں نے کوئی بات نہیں کی وہ خاموشی سے روبوٹ کی طرح تھیلے اٹھاتا اور ٹوکری میں ڈالتا رہا۔واپس جاتے ہوئے میں نے پوچھا۔تم رہتے کہاں ہو ؟
یہاں سے تھوڑا دور پر منڈی کے پیچھے خیموں میں ‘
وہاں کتنے لوگ رہتے ہیں ‘ میں نے پوچھا
ادھر سب ہمارے ملک کا لوگ ہے سب ادھر سے بر باد ہو کر ادھر آ گیا ہے ‘ وہ بولا
تم اکیلے آتے ہو تمہاری ماں پریشان نہیں ہوتی ؟ نہیں اس واسطے کہ میرا چچا کا بیٹا بھی آتا ہے وہ بڑا ہے میں اس کے ساتھ ہی ادھر آتا ہے ‘
تمہیں اتنے پیسے مل جاتے ہیں کہ تمہارا گزارہ ہو جائے ‘ ’ارے چھوڑو نہ باجی بس ابھی زندہ ہے ٹھیک ہے‘ وہ بیزاری سے بولا
تم مجھ سے تھوڑی دیر بات کرو گے میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ تم وہاں سے کیوں اور کن حالات کی وجہ سے نکلے‘
’تم اخبار والا ہے ‘ اس نے قدرے غصے سے پوچھا اور بے اعتباری سے مجھے دیکھا۔ نہیں بس میں جاننا چاہتی ہوں کہ وہاں کیا ہوا ‘ تم کل آؤ تو میں اور میرا چچا کا بیٹا تم کو بتائے گا کہ ہمارا ساتھ کیا ہوا ،ابھی تو ہمارا دھاڑی کا ٹائم ہے ‘اور وہ مجھ سے پیسے لے کر دوسرے صاحب کی طرف بھاگ گیا۔ میں نے سوچا کہ کل آ کر ضرور اس سے پوچھوں گی کہ یہ لوگ کن کن پریشانیوں سے گزر رہے ہیں کیونکہ ہم ہمیشہ ہی ان لوگوں کی وجہ سے دباؤ کا شکار رہے ہیں اور ہماری معیشت پر بھی ایک زبردست بوجھ پڑا ہے اس میزبانی نے ہمیں کافی تلخ تجربات سے روشناس کرایا ہے پتہ تو چلنا چاہئے کہ مہمان کس آفت میں ہیں۔مجھے یہ کھوج بھی تھی کہ آخر کن حالات سے گزر کر یہ یہاں تک پہنچے زیادہ تر مزدوری کرتے نظر آتے ہیں یا بوجھ اٹھاتے ،مجھے کہانیاں جاننے کا شوق تھا اور میرا یہ ذوق ہی مجھے اس بچے کی طرف کھینچ رہا تھا
میں دوسرے دن حسب وعدہ پہنچی اور اتفاق سے پارکنگ وہیں مل گئی جہاں کل تھی۔مجھے وہ کہیں نظر نہیں آیا میں انتظار کرنے لگی پھر وہ ٹوکری اٹھائے اپنے وزن سے زیادہ وزنی سامان اٹھائے ایک صاحب کے پیچھے جاتا نظر آیا،مجھے دکھ ہوا اگر وہ صاحب تھوڑا سامان خود بھی اٹھا لیتے تو کوئی حرج نہیں تھا مگر جب ہم کسی کو پیسے خاص طور پر مزدوری دیتے ہیں تو پورا پورا فائدہ اٹھاتے ہیں میں باہر ہی کھڑی تھی تاکہ وہ مجھے دیکھ لے اس نے مجھے ہاتھ ہلایا اور اپنے بھائی کی طرف بھاگا جو ایک خاتون کے پیچھے جا رہا تھا وہ بھی کوئی پندرہ سولہ سال کا لڑکا تھا جو اس سے کچھ کہہ کر آگے چلا گیا۔
تم آ گیا باجی ابھی میرا بھائی آتا ہے سامان چھوڑ کر ‘ ٹھیک ہے ،تمہاری ماں اور بہن کیسی ہے میں نے پوچھا
’سب ٹھیک ہے میرا ماں بھی کام کرنا چاہتا ہے مگر میرا بہن بہت چھوٹا ہے اور میرا ماں کو تم لوگ کا زبان بھی نہیں آتا اس لئے وہ نہیں کر سکتا
اچھا یہ بتاؤ تم یہاں کیسے آئے ‘اتنی دیر میں اس کا بھائی آ گیا
’کیوں باجی تم کیوں ہم سے بات کرنا چاہتا ہے خالی خولی میں اور کسی سے کیوں نہیں ‘ اس نے غصے والے لہجے میں مجھ سے پوچھا
میں نے تسلی سے کہا ’میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ تم کس پریشانی کی وجہ سے اپنا ملک چھوڑ کر یہاں آئے ہو ‘ تم کو پتہ نہیں ہے ادھر امریکہ روس برطانیہ سب مل کر جنگ کرتا ہے ہمارا ملک میں جنگ ہے اس کا واسطے‘
یہ تو مجھے پتہ ہے میں تو یہ جاننا چاہتی ہوں کہ تم یہاں کیسے پہنچے کیا مشکل اٹھائی اور اب کیا پریشانیاں ہیں ؟
تم اخبار نکالتا ہے کہ کوئی رسالہ والا ہے‘ اس نے پوچھا
’ نہ میں اخبار نکالتی ہوں نہ رسالہ میں تو بس یہ جاننا چاہتی ہوں کہ تم لوگ کن پریشانیوں میں ہو اور یہا ں کس طرح رہتے ہو ‘
وہ چھوٹے کی طرف دیکھ کر ہنسا چھوٹے نے بھی اس کا ساتھ دیا ’تم ہمارا مشکل دور کرو گی ہمارا پریشانی دور کرو گی ابھی جو تم سے بات کرنے میں ہمارا دھاڑی جائے گا اس کا کیا ‘ وہ میں تمہیں دوں گی تم مجھے اپنی کہانی سنا ؤ‘ میں نے اطمینان سے کہا
او باجی ادھر بہت لوگ آتا کوئی کچھ نہیں کرتا ‘ خالی پیلی کا باتیں اور بس ‘ تم حکومت کا جاسوس ہے ‘ مجھے غصہ آ گیا ’نہیں بھئی میں نے تم سے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ لوگ تمہاری مدد کریں پتہ تو چلے کہ کن حالات میں تم نے اپنا ملک چھوڑا کیونکہ لوگ تمہارا یہاں آنا اچھا نہیں سمجھتے‘
’ہمکو پتہ ہے ہمکو پتہ ہے ‘ اس نے بے زاری سے کہا تم سننا چاہتا ہے سنو ہمارا اور اس کا گھر برابر برا بر تھا ہم لوگ خوش خوش رہتا تھا میرا با با اور اس کا با با دونوں کام کرتا تھا میرا باپ کھیت میں اور اس کا با با روٹی بناتا تھا تندور پر پھر ایک دن صبح صبح حملہ ہو گیا پتہ لگا کہ روس کا فوج نے حملہ کردیا سب لوگ پریشان ہو گیا پھر روز روز لوگ مرنے لگا اتنا زور زور سے بم پھٹتا تھا کہ ہمارا کان بہرہ ہو جاتا تھا ہمارا ماں ہمکو اپنا چادر میں چھپا کر بیٹھ جاتا تھا جب تک ہمارا بابا گھر آتا تھا ‘ چھوٹے نے بات میں حصہ لیا بڑے نے اسے ڈانٹا ’میں بتا تا ہے نا پھر اتنا جنگ بڑھ گیا کہ ہمارا گھر کا دیواریں ٹوٹنے لگا اتنا لوگ مرنے لگا کہ ہمارا محلے سے روز روز جنازہ اٹھنے لگا اتنا لوگ مر گیا کہ ہمارا محلہ سناٹا ہو گیا ہر طرف فوجی ہی فوجی نظر آتا تھا سب گورا فوجی یہ بڑا بڑا بندوق لے کر پھرتا تھا میں باجی ان کو چوڑے گا نہیں میں بھی دیکھنا بڑا ہو گیا فوج میں جائے گا اور ان سے بدلہ لے گا ضرور لے گا ‘
’میں بھی بڑا ہو کر فوج میں جائے گا فوجی بنے گا اپنے با با کا انتقام لے گا تم دیکھنا ‘چھوٹے نے بھی بڑے جذبے سے کہا اور میں نہ جانے کیوں اندر ہی اندر ڈر سی گئی ’ پھر ایک رات بڑا زور کا حملہ ہو گیا ‘بڑے نے کہنا شروع کیا ’راکٹ ہمارا گھر پر گرا تھا سارا گھر ٹوٹ گیا میں میرا بابا میرا ماں سب زخمی ہو گیا چا چا کا برابر کا گھر بھی ٹوٹا یہ لوگ بھی زخمی ہوا ہم سب لوگ سارا رات روتا رہا تکلیف سے چیختا رہا کوئی دیکھنے والا نہیں تھا اسی طرح صبح ہو گیا اور چھر کچھ لوگ وہ لال نشان والا ادھر آیا اس نے ہم لوگ کا زخم پر پٹی لگایا دوا دیا کھانا مانا دیا اور یہ کہہ کر چلا گیا کہ اب ادھر تم لوگ کا رہنا ٹھیک نہیں ادھر سے نکل جاؤ۔ جب ہم لوگ تھوڑا ٹھیک ہوا تو گھر کو پھر سے بنا یا لیکن اب لڑائی بڑا زور سے شروع ہو گیا پھر سب لوگ ادھر سے جانے لگا پھر ادھر سب فوجی آ گیا اور ہمارا لوگ کو بھی ادھر سے نکلنا پڑا پہاڑوں سے اترنا اور فوج سے بچ بچ کر نکلنا بڑا سخت کام تھا ہر طرف لاش ہی لاش تھا جس جگہ ہم لوگ پہنچ گیا ادھر بھی سارا گھر ٹوٹا ہوا تھا کوئی لوگ نظر نہیں آتا تھا ہم لوگ کدھر جاتے تھے پتہ نہیں تھا بڑا مشکل پہاڑی راستے سے گزر کر ہم لوگ ایک گاؤں میں پہنچا ادھر لوگ تھا ادھر کچھ ٹینٹ بھی تھا ہم لوگ اس میں رہ گیا ادھر لوگوں نے ہم کو کھانا پانی دیا ہم سب اتنا تھک گیا تھا کہ پوچھو نہیں مگر ڈر کا مارے ہم لوگ کو نیند بھی نہیں آتا تھا پھر ادھر بھی بہت گورا فوجی تھا اور ہر وقت گولی چلنے کا آواز آتا تھا ادھر بھی روز لوگ مرتا تھا ہمکو گورا لوگ سے سخت نفرت ہو گیا تھا ہمارا دل چاہتا تھا کہ ہم بھی ان کو ایسا ہی مارے جیسا یہ ہمارا لوگ کو مارتا ہے ہمکو سمجھ نہیں آتا تھا کہ یہ لوگ کیوں ہمارا ملک کے اندر آ کر ہمارا لوگوں کو مارتا ہے ہم لوگ کے پاس ہتھیار بھی نہیں تھا
وہاں ہم لوگ کا زندگی بہت مشکل ہو گیا تھا پھر ادھر ہمارا بابا اور چا چا کو بھی جنگ کا رضا کار بنا لیا ان لوگ نے سوچا کہ اسطرح ہم لوگ کا زندگی آسان ہو گا اور ہم لوگ کو کھانا پینا بھی مل جائے گا پھر کچھ دن بعد ادھر بہت سا گورا فوجی گھس کر آ گیا ان لوگ سب کو پکڑ لیا ہمارا بابا اور چا چا بھی پتہ نہیں کدھر گیا ادھر سے جتنا لوگ تھا سب بھاگا ہمارا ماں اور چاچی کو بھی سب نے بولا کہ ادھر سے چلو ورنہ تم سب کو بھی یہ لوگ پکڑ لے گا ہم بھی سب کا ساتھ ادھر سے نکل گیا راستے میں کچھ لوگ نے بتایا کہ سب رضاکار کو مار دیا یا پکڑ لیا ہمارا ماں اور چاچی ہر وقت روتا تھا ہم دس لوگ تھا بڑا مصیبت سے ہم لوگ اس علاقے سے نکلا اور جدھر پہنچا وہ پاک افغان سر حد تھا ہم سب اتنا تھک گیا تھا کہ تم سوچ بھی نہیں سکتا ہم سب بیمار تھا جو لوگ ادھر ملا وہ ہم لوگ کو کھانا پینا دیتا تھا ہم لوگ نے پورا ہفتہ کے بعد روٹی کھایا تھا ما ں اور چاچی بہت روتا تھا وہ اپنا کھانے سے ہمارے لئے بچا کر رکھتا تھا کہ اگر کچھ نہ ملے تو ہم لوگ بھوکا نہیں رہے۔پھر ہمارے با با کا ایک دوست بھی ادھر آ گیا اس نے بتایا کہ ہمارا با با اور چا چا دونوں مر گیا پھر بس ہمارا ماں اور چاچی ہر وقت روتا تھا کہ وہ کیسے زندگی گذارے گا بس پھر ہم لوگ سرحد پار کر کے ادھر آ گیا ادھر ہم لوگ کو خیمہ میں رہنے کو جگہ ملا۔
کافی وقت ہو گیا تھا چھوٹا بولا ’ چلو باجی ابھی ہمارا ٹائم ہو گیا پھر کبھی ملنا پھر آگے بتائے گا اگر دیر ہو گیا تو ہمارا ماں بیٹھ کر روتا رہے گا اس کو تو بس رونا ہی آتا ہے‘ اور وہ دونوں مجھ سے پیسے لے کر چلے گئے میں سوچ رہی تھی کہ واقعی جو لوگ مصیبت سے گذرتے ہیں اس کا اندازہ کچھ وہ ہی کر سکتے ہیں ورنہ سننے سے تو اس اذیت اور تکلیف کو محسوس کرنا بہت ہلکا کام ہے اگلی دفعہ جلد ان سے ملنے کا عزم لئے میں وہاں سے آ گئی۔
اس دفعہ وہ دونوں مجھے دیکھ کر ہی میرے پاس آ گئے آج زیادہ رش نہیں تھا بہت کم لوگ تھے نہ معلوم کیا بات تھی ان دونوں نے بتایا کہ کسی علاقے میں ہنگامہ ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگ کم ہیں میں نے سن کر خیریت پوچھی بڑا والا پھر شک و شبہے کا شکار ہوا۔
’او باجی ہم اتنا دن سے ادھر آتا ہے کسی نے ہم سے کچھ نہیں پوچھا ابھی ہمکو تم سے ڈر لگتا ہے کہ تم کس کا واسطے ہم سے یہ سب پوچھتا ہے ‘
نہیں بھئی میں نے تمہیں بتایا نا کہ میں بس پوچھنا چاہتی ہوں اگر تم پریشان ہو تو مت بتاؤ‘ میں نے خشک لہجے میں کہا
نہیں باجی ہم یہ ڈرتا ہے کہ کہیں تم نے یہ سب لکھ دیا یا کسی کو سنا یا تو ہم کہیں ادھر سے بھی نہ بھاگے ابھی ہمارا کوئی ٹھکانا نہیں ہے ، جہاں ہم لوگ رہتا ہے ادھر تم ایک گھنٹہ بھی نہیں رہ سکتا پتہ ہے ‘ اس نے بہت راز داری سے یہ خبر مجھے دی۔ میرا دل دکھا میں نے اسے تسلی دی کہ وہ ڈرے نہیں میں اس کی ہمدرد ہوں اور چاہتی ہوں کہ انہیں یہاں کچھ سہو لت ملے (حالانکہ مجھے معلوم تھا کہ میں اس سے غلط بیانی کر رہی ہوں میں اس میں ان کی کوئی مدد نہیں کر سکتی ،مگر میری طبیعت مجھے اس بات پر مائل کر رہی تھی کہ میں ان کے حالات جانوں )
وہ بے اختیار ہنسا اور اسے دیکھ کر چھوٹا بھی تالی بجا کر ہنسا
’اس میں ہنسنے کی کیا بات ہے ‘ میں نے غصے سے پوچھا
’او باجی ہمیں ہنسی اس لئے آ گیا کہ آج تک تو کسی نے ہمارا حال دیکھا نہیں تم کہتا ہے کہ ہماری مدد کرے گا چلو ابھی چھوڑو سنو جب ہم لوگ ادھر آ گیا تو ایک ایک خیمے میں آٹھ آٹھ دس دس لوگ رہتا تھا ہمارا ماں اور چاچی سارا دن برقعہ اوڑھے بیٹھتا تھا کیونکہ وہ پردہ کرتا ہے ہمارا چچا کا بیٹی بیمار ہو گیا بڑی مشکل سے اس کے لئے دوائی ملا تم کو پتہ ہے ہم لوگ نے ہفتوں صرف روٹی اور پانی کھا یا ہے جب روٹی بہت سخت ہو جاتا تھا تو ہم اس کو پانی میں ڈبو کر کھاتا تھا بہت سخت پریشانی تھا ہمکو اتنا عقل نہیں تھا بس ہم اپنا ماں سے پوچھتا تھا کہ کب گھر واپس جائے گا مگر وہ صرف روتا تھا پھر ہمارا دل میں ان گورا لوگ سے اتنا نفرت ہو گیا کہ یہ ہی وہ لوگ ہے جنہوں نے ہم سب کا گھر چھینا ہمارا باپ کو مارا ہمارا چا چا کو مارا ہمکو اتنا مصیبت میں ڈالا بس ابھی ہم ایک ہی بات سوچتا ہے کہ ہم بھی بڑا ہو کر ان گوروں کے خلاف لڑے گا بدلہ لے گا اپنا اور اپنے لو گوں کا ‘ وہ پھر جذباتی ہو گیا چھوٹا بھی اس کے ساتھ لگ گیا ہم بھی لڑے گا باجی ہم بھی لڑے گا۔‘ مگر بھئی سارے گورے ایک جیسے تھوڑی ہوتے ہیں ‘ میں نے کہا تم ٹھیک کہتا ہے ہم اس کا بات کرتا ہے جو ہمارا ملک میں آ کر ہم کو ہمارا ملک سے در بدر کیا جو اچھا ہے وہ اچھا ہے ہم ان لوگ کی طرح پاگل تھوڑی ہے کہ کسی کا ملک میں جا کر اس پر قبضہ کرے ہم ایسا پاگل نہیں ہے یہ خود اپنا دشمن بناتا ہے پھر روتا ہے ارے جب تم کسی کا ملک میں جا کر ان کو مارے گا تو وہ تمہارا دوست بنے گا کہ دشمن ‘ اچھا چھوڑو پھر ہمارا چا چا کا دوست لوگوں کے ساتھ ادھر ،ادھر جانے لگا تاکہ اس کو پتہ لگے کہ وہ کدھر کام کر سکتا ہے اس کو پتہ چلا کہ تھوڑا دور پر سبزی منڈی ہے وہ وہاں مزدوری کر سکتا ہے ‘
جو تمہارا چا چا کا دوست ہے اس کا کوئی نہیں ہے ؟ میں نے سوال کیا بیوی بچے وغیرہ؟ نہیں اس کا شادی نہیں بنا تھا اور اس کا بھی سب لوگ کدھر کدھر گیا پتہ نہیں وہ بھی جان بچا کر بھا گا تھا ، ارے باجی ادھر جتنا لوگ ہے سب کا کہانی ہے لیکن بس اتنا بات ہے کہ جتنا لوگ ادھر سے بر باد ہو کر آیا ہے گورا لوگ سے سخت نفرت کرتا ہے کہ یہ ہمارا دشمن ہے اس کا وجہ سے ہم اپنے ملک سے اپنے گھروں سے نکلا ،تم کو پتہ ہے جب ہم ادھر آیا ہم کو تمہارا زبان کا ایک لفظ بھی نہیں آتا تھا ہم نے بڑا مشکل سے یہ زبان سیکھا وہ ہنسا ہمارا ماں تو ابھی بھی ایک لفظ بھی نہ بول سکتا ہے نہ سمجھ سکتا ہے اور نہ ہی ہمارا چاچی اس کا واسطے وہ دونو ں کچھ نہیں کر سکتا ابھی ہم جو کماتا ہے اس سے صرف ہم کو دو وقت کا روٹی ملتا ہے ‘۔
اپنے ملک میں تم لوگ اچھے سے رہتے تھے ‘ میں نے پوچھا
’ہاں باجی ہم اپنا ملک میں اچھا کھاتا پیتا تھا ہمارا گھر بھی اچھا تھا پلنگ تھا بستر تھا ،کرسی تھا سب کچھ تھا۔ ابھی ادھر ہم زمین پر سوتا ہے زمین پر بیٹھتا ہے کبھی کبھار کوئی ادھر کھانا لاتا ہے مگر ہمارا ماں اور چاچی وہ کھانا نہیں لینے دیتا کہتا ہے ہم بھکا ری نہیں ہے جو روکھی سوکھی تمہارے پیسے سے ملتا ہے وہ ہی کھائے گا ‘
میں اتنی خود داری پر بڑی حیران تھی اور یہ تو میں خود بھی دیکھ چکی تھی کہ اس بچے نے گاجر اور ٹماٹر لینے سے انکار کر دیا تھا۔
’ابھی تم کو پتہ ہے میں نے اپنا ماں سے کہا ہے کہ میں ان سے لڑوں گا اپنا ملک میں واپس جانے کے لئے میر ی ماں میرا ہمت بڑھا تا ہے وہ کہتا ہے تم ضرور ان کو اپنا ملک سے باہر نکالنا جو ہم کو اتنا تکلیف دیا ہے وہ ہمارا لئے بہت دعا کرتا ہے۔‘میں بھی لڑے گا ان سے چھوٹا بو لا
’میں تو پتہ ہے باجی ایسا زبردست نشانہ لگاتا ہے پتھر سے کہ یہ بھی نہیں لگا سکتا ‘ اس نے بڑے کی طرف فخریہ دیکھتے ہوئے کہا۔’ ہاں باجی اس کا نشانہ بہت پکا ہے یہ اتنا دور پڑا چیز کو بھی زبردست نشانے سے اڑا دیتا ہے یہ نشانہ باز بنے گا ‘ وہ دونوں ہنسنے لگے میں بھی مسکرائی
’اچھا تمہارے ساتھ جتنے لوگ رہتے ہیں وہ سب بھی تمہاری طرح سوچتے ہیں ‘ او ہاں باجی ہم لوگ ان کا بارے میں سوچتا بھی ہے تو ہم سب کا خون کھولتا ہے کہ یہ لوگ ہمارا بربادی کا زمہ دار ہے ہمکو ہمارا ملک سے نکالنے کا زمہ دار ہے اگر یہ لوگ ہمارا ملک میں نہیں آتا تو ہمارا ملک ایسے تباہ نہیں ہوتا ‘۔ ’مگر ہم نے تو سنا ہے کہ یہ لوگ عام لوگوں کو کچھ نہیں کہتے بلکہ مدد کرتے ہیں ‘۔ ’او ہاں ہاں یہ سب تم لوگ کو بتانے کا باتیں ہیں اگر ایسا ہوتا تو کوئی پاگل نہیں ہے کہ اپنا ملک اپنا گھر چھوڑ کر ادھر دھکے کھاتا دوسرے لوگوں کا گالیاں سنتا بھوکا مرتا سردی میں ننگا پیر پھرتا ، تم خود سوچو اگر تم کو تمہارا کھر تمہارا ملک سے کوئی نکلنے کے لئے مجبور کر دے تم کو تمہارا ملک سے نکال دے تو تم اس سے نفرت نہیں کرے گا؟اس نے سوال کیا اور میں لا جواب ہو گئی
’ ابھی ہمارا دل میں آگ ہے باجی اپنا گھر چھوٹنے کا در بدر ہونے کا ادھر ہمرا جتنا لوگ ہے سب اپنا ملک کے لئے روتا ہے مگر مجبور ہے کسی دوسرے کو ہمارا ملک پر قبضہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے یہ کدھر کا انصاف ہے کہ دوسرے کا ملک تباہ و برباد کرو اپنا طاقت دکھاؤ تم کو پتہ ہے ہم لوگ کا پاس تو ہتھیار بھی نہیں تھا پھر کیوں ہمارا ملک میں لڑتا ہے ؟ جب ہر ملک میں اپنا فوج بھیج کر لڑے گا تو ان کا دوست کدھر سے آئے گا پھر تو ان کا دشمن ہی تو پیدا ہو گا نا ؟ ’اور کیا ‘ چھو ٹا زور دے کر بولا۔بڑے نے کہا ’ایک بات یاد رکھو باجی جب کوئی کسی پر ظلم کرتا ہے بغیر وجہ تو وہ اپنا دشمن بناتا ہے دوست نہیں اور یہ لوگ تو سب پر ظلم کر کے اپنا اتنا دشمن بناتا ہے پھر ڈرتا بھی ہے ہر ملک میں اپنا فوج بھیجتا ہے لوگوں کو مارتا ہے تو ان کا دوست کدھر سے آئے گا ہم کو ان کا شہریوں سے کوئی دشمنی نہیں وہ جانتا نہیں ان کی حکومت کس کس پر ظلم کرتی ہے وہ لوگ بھی ہمارا جیسا معصوم ہے ‘ میں حیران تھی ان کی باتوں پر رش بڑھ گیا تھا ’اچھا باجی چلو آج ہم تم سے کوئی پیسہ نہیں لے گا کیونکہ آج لوگ تھا ہی نہیں۔‘ اور وہ دونوں مجھے حیرت کے سمندر میں غوطہ زن چھوڑ کر میرا جواب سنے بغیر ’صاحب سامان اٹھائے ‘کہتے ہوئے دو گزرنے والوں کے پیچھے پیچھے بھاگ گئے اور مجھے ایسی سوچ میں مبتلا کر گئے جس کا آخری سرا میرے پاس نہیں تھا۔
واقعی بات تو صحیح تھی کہ دوسروں کے معاملات میں دخل اور ان کو در بدر کرنا دشمن بنانے کا ایک ایسا سلسلہ ہے جو کسی صورت رکتا نظر نہیں آتا اور یہ ہی وجہ ہے جو پوری دنیا میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے اور میں نے سوچا کہ نہ معلوم کتنے لوگ اپنے دل میں یہ زہر لئے گھوم رہے ہیں دنیا کی سب سے بڑی طاقت بننے کے جنون نے اور ہوس نے آنکھوں پر ایسا پردہ ڈال رکھا ہے جو کسی صورت ہٹنے کا نام نہیں لے رہا یہ دو چھوٹے چھوٹے بچے تھے جن کے دل میں اتنا زہر بھرا تھا اور جو بدلے کی آگ میں جل رہے تھے تو جو بڑے لوگ ہوں گے ان کے دلوں میں دہکتی آگ کو کیسے ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے کچھ بھی ہو اپنا ملک اپنا ہوتا ہے چاہے وہاں انسان بھوکا رہے یا بے گھر کم از کم آسمان اور زمین تو اپنے ہوتے ہیں اور جو یہ خانماں بر باد لوگ دوسری جگہوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارتے ہیں اور اپنے سینوں میں بدلے کی آگ کو روز روز اور بھی بھڑکا رہے ہیں ان کا پرسان حال کوئی نہیں ہے یہ دنیا کے لئے اور خود سپر پاور کے لئے لمحۂ فکریہ ہے جس سے سب نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں کاش ہم لوگوں کے دکھ جاننے اور بانٹنے کی کوشش کریں تاکہ ان کے غم ہلکے ہوں اور بدلے کی آگ ٹھنڈی پڑے ایک زمانہ تھا روس سپر پاور تھا اب امریکہ سپر پاور ہے آگے آگے کیا ہو گا کچھ خبر نہیں۔ اور مجھے لگا کہ یہ آگ تو ہزاروں دلوں میں دھک رہی ہو گی کیونکہ جن کے پیارے ان کے سامنے میزائل سے ،راکٹ سے یا بم بلاسٹ سے دم توڑ جاتے ہیں بغیر کسی جرم بغیر کسی گناہ کے اور پھر جن کے گھر بر باد کر دئے گئے جن کے سروں سے چھت چھن گئی اور پیروں تلے سے زمین کھینچ لی گئی، جو نہ کسی سپر پاور کے لئے خطرہ تھے نہ کسی دوسرے ملک کے لئے نقصان دہ اپنے ملک میں محنت مزدوری کر کے اپنا پیٹ پال رہے تھے اپنے گھروں میں امن سے بیٹھے تھے ان پر جو ظلم ہوا تو ظاہر ہے کہ وہ جن دکھوں سے گزرے ہیں وہ انہیں دماغی اور جسمانی ،دلی تکلیف میں مبتلا کر گئے ہیں یہ وہ ہی مظلوم ہیں جو اب ظلم کے خلاف اپنے سینوں میں ایک آگ لئے پھرتے ہیں اور اپنی جانیں دیتے اور دوسروں کی لیتے نظر آتے ہیں۔
کیا کسی نے کبھی سوچا کہ ان کے دکھوں کا کیا مداوا ہے کس طرح ان کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکتا ہے کس طرح ان کے اندر کے دکھ کو ختم کیا جا سکتا ہے اس لاوے کو کیسے ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے جو ان معصوم ذہنوں میں کھول رہا ہے جنہوں نے اپنے بچپنے کو سخت محنت اور مشقت میں جھونکتے لو گوں کو دیکھا ہے ان کے ذہنوں میں وہ لوگ صرف دشمن کی شکل میں نظر آتے ہیں وہ ان کو اپنا دوست کبھی نہیں مان سکیں گے اور یہ ہی وہ کڑوا گھونٹ ہے جو ان سب کو نگلنا پڑ رہا ہے چاہے وہ اس ظلم کے حق میں تھے یا نہیں تھے ہم صرف ایک پہلو دیکھ رہے ہیں کاش دوسرا پہلو بھی تلاش کریں تاکہ انصاف کے بلند و بانگ دعوے خود کو سپر پاور کہنے کے دعوے سچ کہے جا سکیں تاکہ کچھ حل نکال سکیں کچھ مرہم ان زخمی معصوم دلوں پر لگایا جا سکے۔
آج کل روز یہ خبریں سن سن کر کہ کوئی بارود سے بھرا ٹرک ٹکرا دیتا ہے تو کوئی خود اپنی جان حملے کی نظر کر دیتا ہے یہ سب کچھ آسان تو نہیں ہے اس کے مضمرات پر ضرور غور ہونا چاہئے۔تا کہ بجائے دشمنوں کے دوستوں میں اضافہ ہو۔
٭٭٭
پچھتاوا
اانڈیا سے اُسکی بیٹی کا فون تھا ،وہ رو رہی تھی ، اُس کی ہچکیاں اسے بولنے نہیں دے رہی تھیں۔وہ حیران تھا اور پچھتا بھی رہا تھا۔اُسکی بیٹی کو طلاق ہو گئی تھی۔وہ رو رہی تھی وہ کہہ رہی تھی ’’آپ نے ایسے وعدے کیوں کئے تھے بابا جو آپ پورے نہیں کر سکتے تھے۔’’آپ نے کیوں سنہرے سپنے دکھائے تھے ،جن کی تعبیر آپ کے اختیار میں نہیں تھی ،آپ کیوں جھوٹ بولتے رہے با با ‘‘ وہ بلک بلک کر رو رہی تھی۔
’’بابا انہوں نے بچے بھی رکھ لئے ‘‘ اور اُس کی ہچکیاں بے قابو ہو گئیں۔وہ خاموش فون سے کان لگائے آنسو بہا رہا تھا۔کہ اس حادثے پر وہ خود کو کبھی معاف نہیں کر سکتا تھا۔
اُسکی بیٹی انڈیا میں تھی۔اور وہ خود اپنی دوسری بیوی اور بچوں کے ساتھ امریکہ میں یہ اُس کی پہلی بیوی سے بیٹی تھی ،جس کی شادی اس نے انڈیا ہی میں کر دی تھی۔اُس نے شادی کے وقت اپنے داماد سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اُسے امریکہ بلا لے گا۔۔اس شادی کو اب تین سال ہو گئے تھے اس کی بیٹی مان بھی بن گئی تھی ،اب اس دباؤ تھا کہ وہ داماد کو امریکہ بلا لے۔جب اس کی بیٹی روتی تو وہ اسے تسلی دیتا کہ کہ وہ کوشش کر رہا ہے اور جلد اُن لوگوں کو بلا لے گا۔اس کے کہنے سے معاملہ ٹھنڈا پڑ جاتا۔لیکن کچھ دنوں بعد پھر بیٹی روتی کہ آپ انہیں بلا لیں ،آپ نے وعدہ کیا تھا وہ پھر حسبِ عادت اُسے تسلی دیتا کہ وہ کوشش کر رہا ہے۔اب حالات مشکل ہو رہے تھے۔اور وہ اپنے داماد کو بلانے میں کچھ دلچسپی بھی نہیں لے رہا تھا۔وہ سوچ رہا تھا کہ بیٹی کے آنے سے اس کی ذمے داری بڑھ جائے گی اور اس کی زندگی میں مشکلات بڑھ جائیں گی۔گو وہ خود اچھا کما بھی رہا تھا اور اچھی طرح رہ بھی رہا تھا ،مگر اپنی بیوی اور بچوں پر بھروسہ نہیں کر رہا تھا۔اور خود پر مزید بوجھ ڈالنے کو تیار نہ تھا۔اور شاید اپنی بیوی سے بھی ڈرتا تھا کہ وہ اپنی سوتیلی بیٹی داماد کے ساتھ کیا رویہ رکھے گی۔
اس دفعہ اُسکی بیٹی نے جب اپنے دیور کی شادی کے بارے میں بتایا اور یہ بھی کہا کہ وہ اپنے سسر کے پاس آسٹریلیا چلا جائے گا تو اُسے تھوڑا سا خوف محسوس ہوا تھا کہ کہیں اس کا داماد اپنے بھائی کے جانے کی وجہ سے دوبارہ امریکہ آنے پر زور نہ دینے لگے۔اور وہ ہی ہوا۔اب اس کی بیٹی کے رونے اور اس خواہش کے اسرار میں اضافہ ہو گیا تھا ،کہ اس کا شوہر اب بہت بے صبرہ ہو رہا ہے اور چاہتا ہے کہ اُسے جلد از جلد امریکہ بلا لیا جائے۔جیسا کہ اس سے شادی کے وقت وعدہ کیا گیا تھا ،اس کے ساس سسر بھی اب طعنوں تشنوں پر اتر آئے تھے۔
اُس نے سوچا کہ میں داماد کو کچھ پیسے بھیج دوں تاکہ یہ معاملہ کچھ وقت کے لئے ٹھنڈا ہو جائے ،اور ایسا ہی ہوا بھی کہ کچھ دن کے لئے سکون ہو گیا۔لیکن یہ اس حقیقت سے بے خبر رہا یا جان بوجھ کر پہلو تہی کرتا رہا کہ اندر اندر جو لاوا پک رہا ہے وہ کب اُبل پڑے گا پتہ نہیں۔اور ہوا یوں کہ اس کی بیٹی کی زندگی کو ایک دوسرے باپ نے باہر کا ٹکٹ دے کر اپنی بیٹی کے لئے خرید لیا اور اُس کا داماد باہر جانے کی چاہت میں بِک گیا کہ وہ باہر جانے کا بہت شوقین تھا اُس پر بھوت سوار تھا باہر جانے کا جسے وہ ہر قیمت پر پورا کرنا چاہتا تھا۔لہٰذا اُس نے پانچ سال کے تعلق کو ایک جھٹکے سے توڑ پھینکا اور اُس کی بیٹی کو طلاق دے دی اور بچے بھی یہ کہہ کر رکھ لئے کہ وہ وعدہ خلاف اور جھوٹے لوگوں میں اپنی اولاد کو نہیں چھوڑے گا۔یہ بات بھی اُس کے لئے حیرت کا باعث تھی اور اس کی بیٹی کی لئے انتہائی دکھ اور تکلیف کا باعث۔
وہ رو رہی تھی ’’ با با میں زندہ نہیں رہ پاؤں گی ،با با میرے بچے ، با با میرے بچے۔ با با آپ نے اپنے جھوٹے وعدوں اور تسلیوں سے میری زندگی ختم کر دی مجھے دکھ کی آگ میں جھونک دیا ،با با آپ نے ایسا کیوں کیا ؟آپ نے وہ وعدے کیوں کئے جو آپ پورے نہیں کر سکتے تھے۔با با آپ نے میری زندگی میں زہر گھول دیا ،اب میں کس کے سہارے زندہ رہوں با با ،آپ نے مجھے ایک بار پھر جہنم میں جھونک دیا ،بابا پہلے میری ماں کو چھوڑ کر اور اب مجھے میرے بچوں سے چھڑا کر ، میں کیا کروں با با۔‘‘
اُس نے اپنی بیٹی کو تسلی دی ’’میں تمہیں جلدی یہاں بلا لوں گا ‘‘ دوسری طرف سے انتہائی ہسٹریائی انداز میں چیخنے کی آواز آئی نہیں با با نہیں میں اس ملک میں کبھی نہیں آؤں گی جس کی خاطر میرا شوہر میرے بچے چھن گئے نہیں با با میں وہاں ہر گز نہیں آؤں گی ،بس خدا را اب آپ کسی سے جھوٹے وعدے نہ کیجئے گا ،کسی کا سودا نہ کیجئے گا خدا کے لئے۔اور ہاں با با ایک بات اور ‘‘ انتہائی پتھریلے اور سخت لہجے میں کہا گیا
’’با با اب نہ میں آپ کو فون کروں گی نہ آپ یہ جاننے کی کوشش کیجئے گا کہ میں کہاں ہوں۔جس طرح میں اپنے بچوں کو ترسوں گی اب آپ بھی مجھے ترسئے گا ‘‘ اور اس کا جواب سنے بغیر فون بند ہو گیا۔
وہ سخت شرمندہ تھا اور اپنے کہے پر پچھتا بھی رہا تھا ،وہ سوچ رہا تھا کہ کاش میں اپنے داماد سے غلط بیانی نہ کرتا کاش میں اس کی خواہش کو پورا کرتا یا کاش میں اس سے کہہ سکتا کہ اس کا بلانا میرے بس میں نہیں ہے۔اے کاش کہ کوئی بھی بیٹی کا باپ مصلحتاًََ غلط بیانی سے بیٹیوں کی زندگی خراب نہ کرے۔نہ جھوٹے وعدے کرے اور نہ ہی جھوٹی تسلیاں دے۔کہ یہ رشتے جتنے مضبوط ہیں اتنے ہی نازک بھی ،اور پچھتاوا تو زندگی بھر ساتھ نہیں چھوڑتا۔اللہ ایسے پچھتاووں سے سب کو بچاتا رکھے۔اس نے دل سے دعا کی۔
وہ بیوی کی آواز پر کھانے کی ٹیبل پر جا بیٹھا ،جہاں اس کے بچے کھانے پر اس کے منتظر تھے۔اور شاید کسی کو بھی اس حادثے پر زیادہ دیر دکھ کرنے کا حوصلہ نہ تھا یا شاید یہ اس ملک کی روایات کا اثر تھا کہ ایسی باتوں پر کوئی زیادہ دیر دکھی نہیں رہتا۔’’اسے اپنے لئے کوئی دوسرا ساتھی ڈھونڈھ لینا چاہئے۔‘‘ اس کے بیٹے نے لا پرواہی سے کہا۔ وہ خاموش رہا۔
وہ سب اپنے آپ میں مست تھے۔ اُن کے لئے یہ کوئی بڑی بات نہ تھی۔
پچھتاوا صرف اس کے لئے تھا۔
٭٭٭
خوش قسمت
انہوں نے بہت سوچ بچار کے بعد نارتھ امریکہ آنے کا فیصلہ کر لیا۔کیونکہ بچوں نے برطانیہ میں تعلیم مکمل کی تھی اور وہ سب ساتھ رہنا چاہتے تھے۔اور نارتھ امریکہ میں یہ بات ممکن تھی کہ وہ یہاں ایک ساتھ رہ سکتے تھے۔انہوں نے یہاں آ کر بزنس کی تلاش شروع کی اور ایک کینیڈا پوسٹ کی فرنچائز خرید لی کہ یہ کام صاف ستھرا اور بہتر لگا۔
شروع شروع میں کافی پریشانی ہوئی پھر کسٹمر ان کے اخلاق اور توجہ سے کام کرنے کی وجہ سے آہستہ آہستہ ان کے دوست بنتے گئے جس کی وجہ سے وقت پوسٹ آفس میں اچھا گزرنے لگا۔اُن کے انڈر دو کینیڈین خواتین بھی کام کرتی تھیں۔جو اُن کے اخلاق اور محبت کی وجہ سے اُن کے ساتھ بہت تعاون کرتی تھیں۔وہ لوگ سعودی عرب ،لندن اور امریکہ میں رہ چکے تھے۔لیکن یہاں کے لوگ انہیں اجنبیت کا احساس نہیں دلاتے تھے بلکہ ہمدرد اور خلوص والے لوگ تھے جو بلا وجہ اپنی بر تری نہیں جھاڑتے تھے اور یہ بات انہیں سب سے زیادہ پسند تھی۔بہت کم بوڑھے لوگ تھے جو تھوڑے سے مختلف تھے مگر بہت کم زیادہ تر لوگ کام کی صلاحیت اور اخلاق پر توجہ دیتے تھے۔وہ بھی اپنے شوہر کے ساتھ پوسٹ آفس آ جاتی تھی کیونکہ اکیلے گھر میں اس کا دل گھبراتا پھر وہ خود بھی چاہتی تھی کہ اپنے شوہر کے کام میں ہاتھ بٹائے۔وہ بھی کسٹمرز کے ساتھ بہت دوستوں کی طرح پیش آتی ،وہ بھی اس کا احترام کرتے اور اکثر بر ملا کہتے کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ پاکستانی اتنے اچھے ہوتے ہیں۔
اس بات سے ان کا دل فخر سے بھر جاتا۔کہ وہ اپنے کام کے ساتھ ساتھ اپنے لوگوں کا اچھا امیج بھی بنا رہے ہیں۔
ہمارے کچھ کسٹمرز مستقل تھے جو صبح پوسٹ آفس کھلتے ہی آتے تھے وہ دو ڈالر کا لاٹری ٹکٹ لیتے یا کینو جو لاٹری ہی کی ایک قسم ہے تھوڑی دیر بیٹھ کر کھیلتے۔پوسٹ آفس کے برابر ہی میں ایک شاپنگ سینٹر تھا۔وہ ٹکٹ خرید کر شاپنگ کرنے یا اپنے روز مرہ کے کام کرنے چلے جاتے اور واپسی پر اپنا ٹکٹ چیک کرتے۔اگر اس پر پرائز نکلتا تو بیحد خوش ہوتے اور ہم بھی ان کی خوشی میں شامل ہو جاتے اور تھوڑی دیر کے لئے پورا ماحول پر رونق ہو جاتا۔اس علاقہ میں زیادہ تر بوڑھے اور ریٹائر لوگ تھے ،جن میں کینیڈین بھی تھے برٹش بھی فرانسیسی بھی اور نہ معلوم کہاں کہاں کے لوگ جو کینیڈا میں آ بسے تھے۔ان میں بوڑھی خواتین بھی تھیں جو صبح صبح جاگنگ کرنے جاتے ہوئے اپنے خطوط پوسٹ کرنے آتیں یا پھر لاٹری کے ٹکٹ لینے۔زیادہ تر سوبر اور پڑھے لکھے لوگ تھے جس کی وجہ سے ماحول اچھا رہتا تھا ،پتہ ہی نہ چلتا تھا کہ پوسٹ آفس ہے۔
جب وہ فارغ ہوتی تو اپنے ساتھ کام کرنے والی خواتین سے بات کرتی وہ اسے یہاں کے لوگوں کے بارے میں بتاتیں کیونکہ وہ یہیں کی رہنے والی تھیں اس لئے بہت سے لوگوں کو جانتی تھیں۔ان کی جان پہچان کی وجہ سے بھی ماحول دوستانہ رہتا تھا۔ دوسرے وہ اس پوسٹ آفس میں پہلے سے کام کر رہی تھیں اس لئے وہ دونوں یہاں کے لوگوں کے بارے میں معلومات بھی رکھتی تھیں۔
لاٹری کے بہت سے کسٹمر ایسے تھے جو بہت انہماک سے لاٹری کھیلتے تھے ،اور کچھ ایسے تھے جو صرف اپنی خوشی اور تھوڑا مصروف رہنے کے لئے لاٹری کھیلتے تھے کچھ بہت لتّی تھے۔میں زیادہ تر کوشش کرتی کہ لاٹری کی طرف کم سے کم جاؤں میں صرف ان کی جیت پر خوشی میں ان کا ساتھ دیتی میری ماتحت خواتین کو یہ بات پتہ تھی وہ کوشش کرتیں کہ میں لاٹری کی طرف کم سے کم جاؤں مجھے ان کی یہ بات بہت اچھی لگتی۔
اُن ہی میں ایک بوڑھی خاتون تھیں جو دن میں دو دفعہ پوسٹ آفس میں آتیں ایک صبح کے وقت اور پھر دوپہر سے کچھ پہلے۔صبح وہ شاپنگ کے لئے جاتے ہوئے یا جمعرات کو اُنکے بال سیٹ کرنے کا دن ہوتا اس کے لئے جاتے ہوئے دو لاٹری کے اسکریچ اینڈ ون کے ٹکٹ خریدتیں جن پر وہ پانچ ڈالر خرچ کرتیں ،واپسی میں ان کو چیک کرنے آتیں جب کبھی کچھ جیت جاتیں تو بے حد خوش ہوتیں ہم سب بھی ان کی خوشی میں ساتھ دیتے اس وقت جو لوگ موجود ہوتے وہ بھی خوش ہوتے بہت اچھا لگتا۔
مجھے میری ساتھی نے بتایا کہ یہ یہاں تنہا رہتی ہیں۔بہت عرصہ پہلے جوانی میں ماں باپ کی مرضی کے خلاف کسی کے ساتھ رہنے لگیں تھیں۔جس کے نتیجے میں ایک بیٹی پیدا ہوئی گھر والوں نے ہر قسم کے تعلقات ختم کر لئے ،وہ لڑکا بھی چھوڑ گیا ،یہ اپنی بیٹی اپنے ایک جاننے والوں کے سپرد کر کے اپنے شہر کو چھوڑ گئیں۔پھر کبھی کسی اپنے سے ان کی ملاقات نہ ہوئی۔نہ انہیں پتہ تھا کہ کون کب مر گیا اور کون زندہ ہے۔
مغربی ممالک میں زیادہ تر بیچارے بوڑھے لوگ یا تو اولڈ ھوم میں زندگی گزارتے ہیں یا تنہا رہ جاتے ہیں۔اولاد ہوتے ہوئے بھی ساتھ رہنا پسند نہیں کرتی ہے اور نہ ہی بوڑھے ماں باپ کا خیال رکھتی ہے۔ان کا تعلق صرف کارڈز کا رہ جاتا ہے۔برتھ ڈے کارڈ،کرسمس کارڈ۔گیٹویل سون کارڈ یا شادی کے اینورسری کارڈ ز جن کو بھیجنا وہ کسی صورت نہیں بھولتے۔کہ صرف یہ ہی ایک ذریعہ ہے ان کے پاس اپنوں سے جڑے رہنے کا فقط ایک کارڈ۔
مگر اگر ماں باپ پیسے والے ہیں اور ان کے مرنے کے بعد کچھ ملنے والا ہے تو وہ ماں باپ یقیناً خوش قسمت ہیں کیونکہ اُن کے بچے اُن کا اتنا خیال ضرور رکھتے ہیں کہ ملنے آتے ہیں اور کبھی کبھی ان کے ساتھ فش اینڈ چپس بھی کھاتے ہیں جو ماں باپ کے لئے بڑی نعمت ہوتی ہے۔ان ہی میں ہماری ایک مستقل کسٹمر تھیں۔
ہم سب ان کو خوش قسمت کہتے تھے اور اس کا نام ہی یہ پڑ گیا تھا کیونکہ وہ زیادہ تر لاٹری جیت جاتی تھیں حالانکہ بہت چھوٹی چھوٹی جیت ہوتی تھی مگر اس کی وجہ سے ان کا نام خوش قسمت رکھ دیا گیا ان کا اصل نام کوئی نہ جانتا تھا۔
اگر کسی دن خوش قسمت نہ آتیں تو ہم سب کو سارا دن بے چینی لگی رہتی جب تک کہ دوسرے دن ان کے نہ آنے کی وجہ خود اُن کی زبانی پتہ نہ چل جاتی۔اُنہوں نے مجھے بتایا تھا کہ وہ ملٹری میں تھیں اور یہ کہ انہوں نے بہت بھر پور زندگی گزاری ہے۔لیکن اب تھوڑا مشکل محسوس کرتی ہیں۔ہماری بات ایک دو جملوں سے زیادہ نہ ہوتی تھی کیونکہ کسٹمر آ جاتے تھے اور ہم مصروف ہو جاتے تھے۔
کبھی کبھی جب وہ دن میں تیسرا چکر لگاتیں تو آتے ہی کہتیں میں کمرے میں تنہا بہت بور ہو رہی تھی ٹی وی دیکھ دیکھ کر اور کتاب پڑھ پڑھ کر بھی میرا دل گھبرا گیا تھا اس لئے میں ایک راؤنڈ لگانے باہر نکل آئی اس وقت مجھے ان پر بہت ترس آتا۔
میں اپنے ساتھ کام کرنے والی جین سے کہتی تو وہ مجھے بتاتی یہاں کا طریقہ ہی یہ ہے مجھے پتہ ہے کہ میرے بچے بھی شادی کر کے الگ الگ چلے جائیں گے بلکہ دونوں ابھی سے الگ رہتے ہیں اور میں تنہا رہوں گی ہمارے یہاں کا طریقہ ہی یہ ہے اس لئے سب اس کے عادی ہیں اور آخیر وقت میں انہیں اسپتال میں ان لوگوں کے ساتھ ڈال دیا جائے گا جن کے جینے کی امید نہیں ہے۔
میری روح تک لرز جاتی اور میں اس وقت کروڑ بار اللہ کا شکر ادا کرتی کہ میں مسلمان ہوں اور میرے اللہ نے اولاد پر ماں باپ کی ذمہ داری ڈالی ہے کہ کم از کم مسلمان بچے اپنے ماں باپ کو آخیر وقت تک اپنے ساتھ تو رکھتے ہیں کم از کم انہیں تنہا بڑھاپے سے لڑنے کے لئے نہیں چھوڑ دیتے۔میں جین کو بتاتی کہ ہمارے بچے ماں باپ کا ساتھ بڑھاپے میں نہیں چھوڑتے بلکہ کوشش کرتے ہیں کہ ان کا خیال رکھیں تاکہ انہیں اللہ کی خوشنودی حاصل ہو۔جین کہتی تم لوگ لکی ہو ،اور کام میں لگ جاتی۔
ایک دن خوش قسمت بہت ہی خوش خوش آئیں ان کی سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا وہ کہہ کچھ رہیں تھیں اور ان کے منہ سے نکل کچھ رہا تھا۔کسٹمرز سے فارغ ہوتے ہی جب ہم نے ان کی خوشی کی وجہ پوچھی تو پتہ چلا کہ ان کی بیٹی کا پتہ چل گیا ہے وہ لوگ جن کے سپرد وہ اپنی بیٹی کو کر آئیں تھیں انہوں نے مرتے وقت اسے اس کی اصلی ماں کے بارے میں بتا دیا تھا بیٹی کے دل میں اپنی ماں کو ڈھونڈھنے کی خواہش جاگی اور اس نے اپنے شوہر کی مدد سے تین سال کی تگ و دو کے بعد اپنی ماں کو تلاش کر لیا چالیس سال بعد اس کو اپنی ماں کے بارے میں پتہ چلا اور اب وہ اپنی ماں سے ملنے آ رہی تھی۔خوش قسمت کی خوشی کا ٹھکانہ نہ تھا وہ اپنی بیٹی کو دیکھنے کے لئے بے چین تھی وہ خوشی سے میرا ہاتھ پکڑتیں کبھی جین کا میں ان کے ٹھنڈے ہاتھوں پر اپنا ہاتھ رکھتی تو وہ مجھے بتاتیں کہ مجھے دن کاٹنے مشکل ہوں گے۔
اب خوش قسمت کے لاٹری ٹکٹ پر انعام نکلتا تو وہ اور بھی زیادہ خوش ہوتیں اور اسے اپنی بیٹی کے نام منصوب کرتیں کہ اس کا آنا ان کے لئے خوشیاں لا رہا ہے۔پھر انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے ایک کمرے کے فلیٹ کی صفائی میں لگ گئی ہیں تاکہ ان کی بیٹی کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ایک ہفتے تک وہ روز ہم لوگوں کو یہ ہی خبریں دیتی رہیں کہ انہوں نے کیا کیا کام کر لیا ہے۔وہاں کے سب لوگ جو انہیں جانتے تھے ان کی خوشی میں شریک تھے۔
آج خوش قسمت اندر داخل ہوئیں تو میں نے دیکھا کہ ان کا چہرہ خوشی سے تمتما یا ہوا تھا ہم کسٹمرز کے ساتھ مصروف تھے مجھے لگا کہ وہ جلد از جلد مجھ سے کچھ کہنا چاہتی ہیں جیسے ہی کسٹمرز سے فارغ ہوئی میں ان کی طرف متوجہ ہوئی۔
ہیلو خوش قسمت کیسی ہو۔
خوش قسمت نے انتہائی خوشی سے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں میری بیٹی نے مجھے اپنے فوٹو بھیجے ہیں ،وہ تمہیں دکھانا چاہتی ہوں۔
ضرور ضرور ،میں نے خوش ہو کر کہا۔
خوش قسمت نے تیزی سے فوٹو میری طرف بڑھائے اور فخریہ میری طرف دیکھنے لگیں۔
میں نے فوٹو دیکھا اور جین نے بھی فوٹو میں ایک سمارٹ عورت اپنے لان میں دو بچوں کے ساتھ کھڑی تھی۔
خوش قسمت نے بتایا کہ ان کی بیٹی کے دو بچے ہیں لیکن وہ انہیں ابھی ساتھ نہیں لا سکتی ‘‘ یہ کہتے ہوئے خوش قسمت تھوڑی افسردہ ہوئیں۔
کوئی بات نہیں ،میں نے کہا جب وہ دوبارہ آئیں گی تو تمہارے نواسہ نواسی بھی ساتھ ہوں گے ‘‘جین نے کہا اور کیا ابھی تم اپنی بیٹی سے ملنا انجوائے کرو۔
خوش قسمت کے چہرے پر چمک آ گئی ‘‘اور ہم لوگ آنے والے کسٹمرز کی طرف متوجہ ہو گئے۔
آج صبح ہی سے کافی رش تھا۔کیونکہ کرسمس قریب آ رہا تھا کام بھی بہت زیادہ تھا بہت سے لوگ رش سے بچنے کے لئے اپنے پیاروں کو وقت سے کچھ پہلے ہی اس تاکید کے ساتھ تحفے بھیج رہے تھے کہ کرسمس کے دن کھولنا۔میں اور جین بہت مصروف تھے اور لیزا بھی۔لیزا زیادہ تر خاموشی سے کام کرتی رہتی تھی بہت کم کسی بات میں حصہ لیتی تھی۔اور ہم لوگ یہاں کے ماحول کے مطابق اسے اس کے حال پر چھوڑے رہتے تھے۔لیکن خوش قسمت سے وہ بھی بات کرتی تھی آج اس نے مجھے اور جین کو خوش قسمت کے بارے میں یاد دلایا کہ وہ آج صبح سے نہیں آئیں ہیں۔ہمیں بھی بالکل دھیان نہیں رہا تھا ان کی غیر حاضری کا۔
لنچ ٹائم میں ہم لوگوں نے خوش قسمت کی غیر حاضری کا نوٹس لیا لیکن جین کو یاد آیا کہ آج ان کی بیٹی آنے والی ہے۔
پانچ بجے تھے اس وقت تھوڑا رش کم تھا ابھی فارغ ہی ہوئے تھے کہ ہم نے خوش قسمت کو بیٹی کے ساتھ اندر داخل ہوتے دیکھا۔خوشی سے لرزتی آواز کے ساتھ انہوں نے اپنی بیٹی کا تعارف ہم سے کرایا۔
ہمیں آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی ،میں نے کہا۔
میں نے بھی مدر سے آپ لوگوں کی بہت تعریف سنی ہے انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ یہاں آ کر اپنی تنہائی دور کرتی ہیں۔آپ لوگوں کا بہت شکریہ۔اس نے محبت سے کہا۔
خوش قسمت آج آپ لیٹ ہو گئیں۔میں نے کہا
ہاں ہم دونوں ساری رات باتیں کرتے رہے ،ہماری باتیں ختم نہیں ہو رہی تھیں۔چالیس سال کی کہانی تھی۔ خوش قسمت نے کہا
ہاں ہاں مجھے اندازہ تھا ،جین نے ہنستے ہوئے کہا۔
خوش قسمت نے لاٹری کے ٹکٹ لئے جن میں دو ٹکٹوں کا اضافہ ہو گیا تھا جو بیٹی کے لئے تھے۔اور دونوں مان بیٹی خوشی خوشی واپس چلی گئیں۔
ایک ہفتہ پلک جھپکتے گزر گیا اس دوران خوش قسمت دوسرے تیسرے دن آتی رہیں اور ہمیں بتاتی رہیں کہ وہ گھومنے پھرنے کہاں کہاں گئیں اور یہ کہ ان کی بیٹی کتنی تھک گئی ہے مگر وہ ایک ایک لمحہ اپنی ماں کے ساتھ گزارنا چاہتی ہے۔
میں یہ تضاد دیکھ کر بھی حیران ہوتی کہ ماں باپ تو ماں باپ ہیں یہ ایک ازلی رشتہ ہے انسانیت کو جوڑے رکھنے کا زریعہ۔
اولاد وہ بھی ہے جو آخیر تک ماں باپ کا ساتھ دیتی ہے اولاد وہ بھی ہے جو بہت جلد ان کا ساتھ چھوڑ دیتی ہے اور اپنی زندگیوں میں مست ہو جاتی ہے۔
آج خوش قسمت کا یہ چوتھا چکر تھا۔وہ بے حد افسردہ تھیں۔اُن کی بیٹی جا چکی تھی ان کا دل اپنے فلیٹ میں بہت گھبرا رہا تھا۔
جین نے انہیں تسلی دی اور کہا کہ پریشان نہ ہو اب تو وہ ہر سال تمہارے پاس آئے گی تو تمہیں بہت اچھا لگے گا۔
خوش قسمت نے اس کی بات تو سنی مگر ان کی افسردگی کچھ کم نہ ہوئی۔ دو چار دن ایسے ہی گزرے وہ جب آتیں اپنی بیٹی کی کوئی نہ کوئی بات سناتیں اور لاٹری ٹکٹ لے کر چلی جاتیں۔آہستہ آہستہ وہ اپنے معمول پر آ گئیں۔
لیکن اب ایک تبدیلی یہ آ گئی تھی کہ وہ لاٹری کے ٹکٹ کے ساتھ ساتھ خط بھی پوسٹ کرنے لگیں ،لیکن کبھی کبھی جب انہیں بیٹی بہت یاد آتی تو ایک دم افسردگی کا دورہ سا انہیں پڑتا اور وہ کئی کئی چکر پوسٹ آفس کے لگاتیں ہم سمجھ جاتے کہ وہ اپنی بیٹی کو یاد کر رہی ہیں۔ایک دن باتوں باتوں مین جین نے ان سے کہا
کیا تمہیں ایسا نہیں لگتا کہ اسی کی وجہ سے تم اپنے ماں باپ سے الگ ہو گئیں تھیں۔کیا تمہیں اس سے اتنی ہی محبت ہے ؟ میں اس کے سوال پر حیران ہوئی۔
خوش قسمت نے انتہائی حیرت سے جین کو دیکھا اور کہنے لگیں۔ایسا خیال تو مجھے کبھی آیا ہی نہیں ،اور تم شاید ہی یقین کرو کہ اگر میرے ماں باپ مجھے اتنے عرصے بعد ملتے تو شاید مجھے اتنی خوشی نہ ہوتی جتنی خوشی مجھے اپنی بیٹی کو پا کر ملی ہے خوش قسمت نے انتہائی ایمانداری سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
تم شاید ہی یقین کرو کہ ماں باپ سے چھٹ کر تو میں نے اسے اپنی قسمت سمجھ لیا تھا لیکن اپنی بیٹی کا وجود میں ہر وقت اپنے ساتھ محسوس کرتی تھی اس کے چھٹنے کا دُکھ مجھے ہمیشہ رہتا تھا۔خوش قسمت نے ایک لمبا سانس لے کر کہا میں نے بھر پور زندگی گزاری مجھے ماں باپ بہت کم یاد آئے کیونکہ میں سمجھتی تھی کہ انہوں نے مجھے معاف نہ کر کے مجھ پر ظلم کیا ،میں نے اپنی پوری جوانی تنہا گزار دی مجھے ماں باپ بہت کم یاد آئے کیونکہ یاد کرنے کے لئے کچھ اچھی باتیں اور اچھی یادیں ہونا بہت ضروری ہے۔مجھے کبھی کسی چیز کا خلاء محسوس نہ ہوا نہ کسی ساتھی کی آرزو ہوئی کیونکہ جسے میں نے اپنا سمجھا تھا وہ مجھے بیچ منجدھار میں چھوڑ گیا تھا جب مجھے اس کی ضرورت تھی میں اس وقت صرف بیس سال کی تھی۔میں نے سب کچھ سہہ لیا مگر جب میں تنہا ہوتی تھی تو مجھے صرف ایک رشتہ یاد آتا تھا بیٹی کا۔
کچھ کسٹمرز اندر داخل ہوئے اور خوش قسمت بائی کر کے چلی گئیں۔
ان کی باتوں نے مجھے اور جین کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا۔
یہ رشتہ کیسا رشتہ ہے جو سب کچھ بھلا دیتا ہے اپنے وجود میں ایک اور وجود کو پالنا ہی شاید انمٹ رشتہ ہے ایک ایسا تعلق جو کبھی ختم نہیں ہوتا جو سارے رشتوں پر حاوی ہو جاتا ہے جسے ہم بغیر کسی لالچ کے چاہتے ہیں جو ہمارے دل سے کبھی جدا نہیں ہوتا۔
آج تیسرا دن تھا اور خوش قسمت نظر نہیں آئیں تھیں مین نے جین سے کہا کہ معلوم کرے کیا بات ہے۔
جین نے بتایا کہ اس نے ان کی بلڈنگ میں رہنے والوں سے پوچھا تھا۔لیکن کسی نے ان کو نہیں دیکھا۔اور جین اپنے کام میں لگ گئی۔
مجھے سارا دن بے چینی لگی رہی اور ان کا خیال بھی آتا رہا پھر میں نے سوچا مجھے کیا بے چینی ہے وہ ٹھیک ہی ہوں گی میں کیوں ان کے لئے اس طرح سوچ رہی ہوں ہماری ایک کسٹمر ہی تو ہیں۔پھر مجھے خیال آیا کہ یہ ہی تو فرق ہے ہم میں۔ہم دوسرے کے درد کو دل سے محسوس کرتے ہیں۔مگر یہاں لوگ یہ ان کا معاملہ ہے کہہ کر لا تعلق ہو جاتے ہیں چاہے کتنے ہی دوست ہوں۔مگر میں ان کے لئے بے چین تھی۔
چار پانچ دن کے بعد آج اچانک وہ پوسٹ آفس میں داخل ہوئیں لیکن ان کا چہرہ بالکل سُتا ہوا تھا۔ہونٹوں پر پپڑیاں جمی تھیں وہ بہت کمزور لگ رہی تھیں۔ہمارے پاس کافی کسٹمرز تھے اس لئے میں انہیں فوری توجہ نہ دے سکی وہ بھی خاموشی سے کرسی پر جا بیٹھیں۔
ارے خوش قسمت کیسی ہیں ؟ میں تو آپ کو بہت یاد کر رہی تھی۔جیسے ہی میں فارغ ہوئی میں نے ان سے پوچھا۔
ابھی زندہ ہوں۔خوش قسمت نے کمزور سی مسکراہٹ سے جواب دیا۔
کیا ہو گیا تھا ؟میں نے پوچھا
میری طبیعت بہت خراب ہو گئی تھی بخار ہو گیا تھا۔اس لئے باہر نہ نکل سکی آج ایسا لگا کہ اگر باہر نہ نکلی تو بالکل پاگل ہو جاؤں گی اس لئے چلی آئی۔انہوں نے کہا
میں تو بہت یاد کر رہی تھی اور دعا بھی کر رہی تھی کہ آپ ٹھیک ہوں۔میں نے ان کا ہاتھ پکڑتے ہوئے کہا ،
ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے جنہیں انہوں نے انتہائی مہارت سے چھپایا۔تم لوگ میرے کچھ نہیں لگتے پھر بھی اتنا خیال کرتے ہو مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔تم نہیں جانتیں تنہائی کیسا عذاب ہے میں سارا دن کتنی بھی مصروف رہوں رات کاٹے نہیں کٹتی۔دل چاہتا ہے کوئی میرے پاس ہو جو میرا خیال رکھے مجھ سے بات کرے۔پھر مجھے اپنے ماں باپ کا خیال آتا ہے اور میں سوچتی ہوں کہ نہ معلوم ان میں پہلے کون مرا ہو گا۔وہ کتنے تنہا رہے ہوں گے۔
کیا آپ نے کبھی بھی ان کے بارے میں معلوم نہیں کیا ؟ میں نے پوچھا۔
نہیں انہوں نے بہت سختی سے جواب دیا۔جب انہوں نے مجھے کبھی نہیں ڈھونڈا تو میں انہیں کیوں ڈھونڈتی۔لیکن سچ بتاؤں وہ میری بیٹی کی طرح میرے اندر کہیں ہیں یہ میرا غصہ تھا جس نے مجھے مجبور کیا کہ میں ان سے الگ رہوں۔پھر انہوں نے مجھے معاف نہیں کیا میں انسان تھی نہ معلوم کس لمحے بھٹک گئی۔
جو کچھ آپ کے ساتھ ہوا آپ کا معاشرہ تو اس کو مائنڈ نہیں کرتا ،پھر آپ کے والدین اتنے سخت کیسے ہو گئے ؟ میں نے سوال کیا۔
اس لئے کہ وہ اپنی اقدار پر بڑی سختی سے کار بند تھے اور ان کی نظروں میں یہ ایک گناہ تھا انہوں نے بہت صاف ستھری زندگی گذاری تھی۔وہ لڑکے لڑکیوں کے اس حد تک آزادانہ میل ملاپ کے خلاف تھے۔انہوں نے جواب دیا۔
وہ پھر بو لیں تمہیں پتہ ہے جتنی اذیت انہوں نے مجھے دی اس سے کہیں زیادہ خود انہوں نے اُٹھائی ہو گی۔یہ بات مجھے اپنی بیٹی سے جدا ہونے کے بعد پتہ چلی اور میں نے یہ سوچ کر انہیں معاف کر دیا کہ جتنا دکھ میں نے اب تک اُٹھایا اس سے کہیں زیادہ تکلیف اُن دونوں نے اُٹھائی ہو گی۔پھر دیکھو میں تو اس عمر میں آ کر اپنی بیٹی سے مل بھی لی وہ تو مجھ سے ملے بغیر ہی دنیا سے چلے گئے۔وہ زیادہ گھاٹے میں رہے۔میں نے دیکھا کہ وہ تھک گئی ہیں کہنے لگیں اب میں چلتی ہوں اگر ٹھیک رہی تو کل آؤں گی۔
ان کے جانے کے بعد میں پھر مصروف ہو گئی۔لیکن ان کی باتیں میرے دماغ میں گھومتی رہیں۔میں جو سوچتی تھی کہ ان مغربی لوگوں میں احساسات اور جذبات نہیں ہوتے بے حد سرد لوگ ہیں اپنے ماحول کی طرح ، خوش قسمت نے میری سوچ کی نفی کر دی تھی مجھے احساس ہوا کہ ان کے دلوں میں بھی وہ ہی حرارت ہے جو ہمارے دلوں میں مگر ان کے معاشرتی طور طریقوں نے انہیں دُکھی کیا ہوا ہے۔ہمارے یہاں بھی تو ایسے واقعات ہیں لیکن بس سینکڑوں ہزاروں میں کوئی ایک۔لیکن یہاں تو ہر دوسرا شخص اس تکلیف میں مبتلا نظر آتا ہے۔
میں نے سوچا کہ واقعی خوشی انسان کے رشتوں میں پوشیدہ ہے۔تو وہ چاہے بھائی بہن کا رشتہ ہو یا اولاد اور والدین کا حلاوت رشتوں کے احترام میں ہے اور خوشی ایک دوسرے کو معاف کر دینے میں ہے۔ سکون ایک دوسرے کو سمجھنے میں ہے عافیت وقت اور حالات کے ساتھ چلنے میں ہے۔
معاف کر دینا بہت بڑی عبادت ہے اس کے لئے چاہے کوئی رشتہ ہو دل سے معاف کر دینے میں بڑا احسان اور بڑی دانش مندی ہے کہ یہ آفاقی صفت ہے۔جو بڑے بڑے طوفانوں کا رُخ موڑ دیتی ہے۔مجھے خیال آیا کہ معاف کر دینا کبھی کبھی بڑے رشتوں کو ٹوٹنے سے بچا لیتا ہے تو انسان میں اتنا ظرف تو ضرور ہونا چاہیئے کہ وہ معاف کر سکے۔مجھے لگا کہ ہمارے مذہب نے جن باتوں پر پابندی لگائی ہے وہ کتنی مصیبتوں سے بچاتی ہے۔آزادانہ میل ملاپ سے ہمیں روکا گیا ہے اور اس کی سخت سزا ہے ،یہ ہی وجہ ہے کہ ہمارا معاشرہ اس عذاب سے بچا ہوا ہے۔بچوں کو بھٹکنے سے پہلے بچا لینا بھی ماں باپ کے فرائض میں داخل ہے۔
میں نے اپنے اندر ایک نئی حرارت محسوس کی اور فیصلہ کیا کہ میں حتی الا مکان کوشش کروں گی کہ کسی سے زیادہ دیر ناراض نہ رہوں اور اگر برا لگ بھی جائے تو معاف کر دوں۔اس سوچ نے مجھے بہت آسودگی دی اور میں خوش قسمت کے لئے دعا کرتی ہوئی سونے کے لئے اُٹھ گئی کہ اس کی کہانی نے مجھے ایک نئی جہت عطا کی۔
٭٭٭
جھُولا
سخت گرمی پڑ رہی تھی۔پورا گاؤں گرمی کی لپیٹ میں تھا۔جانور بھی بیچارے گرمی سے بے حال تھے۔امینہ ماں کے ساتھ کام کر رہی تھی۔پسینے میں شرابور ،مٹکے میں پانی بھی کم تھا اور ماں اُسے تھوڑا پانی پینے کو کہہ رہی تھی۔
اری امینہ تھوڑا پانی پی اس گرمی میں اتنی دور سے کہاں پانی لائیں گے۔نیک بخت تیرے پیٹ میں تو لگتا ہے کہ کنواں کھُدا ہے۔اتنا پانی پیتی ہے کہ توبہ بھلی۔تیرا ابا اور بھائی بھی آتا ہو گا ،کھیتوں سے چل شاباش جلدی سے آٹا گوندھ لے۔اُن کے آتے ہی روٹی پکا لیں گے۔جب تک تھوڑی ٹھنڈک بھی ہو جائے گی۔‘
’’اماں دوزخ کی گرمی اس سے بھی سخت ہو گی ،تم نے بتایا تھا ‘‘ امینہ نے انتہائی معصومیت سے پوچھا۔
ارے تو اور کیا ،اچھے اعمال ہوں گے تو کیوں ہم دوزخ کی سوچیں ،یہاں اچھا کریں گے تو اللہ ہمیں وہاں جنت دے گا۔ہمارے پاس کیا ہے روکھی سوکھی کھاتے ہیں نماز پڑھتے ہیں اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں نہ کسی کے اچھے میں نا بُرے میں۔چل جلدی کر بکری کو گھاس ڈال دے۔ جھلی نہ ہو تو اُلٹی سیدھی باتیں کرتی ہے۔‘‘ ماں بڑ بڑائی
اور امینہ یہ سوچ کر کہ ہم جنت میں جائیں گے گرمی کی شدت بھول بھال کر بکری کو گھاس ڈالنے چل دی۔
چھوٹا سا گھرانہ تھا ،انتہائی محنتی اور جفا کش۔امینہ اسکول بھی جاتی اور ماں کا ہاتھ بھی بٹاتی۔وہ ماں بیٹی زیادہ تر گھر کے کام کاج کرتیں کبھی کبھی کھیتوں پر بھی جاتیں۔اس کا بھائی اور باپ اپنی زمینوں پر اناج اُگاتے تھے۔سخت محنت کرتے تھے سب سے زیادہ مشکل پانی کا حصول تھا۔چھوٹا گاؤں تھا سب سخت محنت کرتے تھے اور بہت ساری سہولتوں سے محروم تھے۔لیکن اپنی محنت سے اپنا اناج اُگاتے اور سخت محنت کے بعد جو کچھ ملتا اُس پر اللہ کا شکر کرتے۔گاؤں میں تکلیفیں بہت تھیں۔خاص کر پینے کا صاف پانی لینے بہت دور جانا پڑتا تھا۔لائٹ تھی مگر نہ ہونے کے برابر۔کھیتوں کو بھی پانی بس پودوں کی پیاس ہی بجھانے کو ملتا۔نہر کا رُخ زمیندار کے کھیتوں کی طرف زیادہ رہتا کیونکہ شاید اس کے کھیتوں کو بھی اس کی طرح اہمیت حاصل تھی ،اور کسی کو چوں کرنے کی اجازت نہ تھی۔
اسی لئے ماں امینہ کو ٹوکتی رہتی تھی کہ پانی دور سے لانا ہے اس لئے پانی کم پی۔
امینہ اکثر سوچتی کہ پانی تو ہوا کی طرح ہی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے پھر یہ ہمیں پینے کو اتنا کم نصیب کیوں ہے ؟ ماں کے پاس اس کا جواب نہ ہوتا اور وہ امینہ کو کوئی نہ کوئی کام بتا کر اپنی جان چھڑاتی۔
وہ صبح اُٹھی گرمی کچھ کم تھی بادل بھی آ رہے تھے۔وہ خوش خوش چائے پراٹھا کھا کر ماں اور بھائی سے جھولا ڈالنے کی فرمائش کر بیٹھی۔بھائی اس دفعہ مجھے جھولا ضرور ڈال دینا۔مجھے بارش میں جھولا جھولنا ہے۔ مجھے بارش میں جھولنے کا بہت شوق ہے بھائی اور وہ اس سے لپٹ گئی۔
’بھائی مجھے جھولا ڈال دو نا بارش ہو گی میں جھولا جھولوں گی۔‘‘ وہ بھائی سے ضد کر رہی تھی۔
بھائی نے اس کی ضد کے آگے ہتھیار ڈالے اور رسی تلاش کرنے لگا۔اُس نے ایک پرانے پلنگ کی ادوائن نکالی اور جھولا ڈالنے لگا۔
ماں ناراض ہوئی ’ ارے ویسے ہی اُچھال چھکا سارا دن کھیلتی پھرتی ہے اب تُو جھولا ڈال دے گا تو اور سارا دن جھولتی رہے گی۔اسکول کی چھٹیاں ہیں میں کہہ رہی ہوں صحن لیپ لیں تاکہ صحن صاف ہو جائے مگر گرمی کچھ کرنے ہی نہیں دے رہی اور بارش ہو گئی تو اور کچھ نہ کر سکیں گے۔‘‘
’’ارے اماں ابھی کون سی اتنی بڑی ہو گئی ہے جھولنے دے تیرے ساتھ کام تو کرتی ہے ‘‘ بھائی نے طرفداری کی
ارے ہاں بھلی لوگ ابھی وہ کون سی اتنی بڑی ہو گئی ہے پھر بھی تیرا ہاتھ تو بٹاتی ہے میری دھی۔جھول لینے دے اور ابھی کون سی بارش ہو رہی ہے وہ تو کہتی ہے بارش میں جھولے گی ، ہے نا امینہ۔باپ نے تصدیق چاہی اور اسے چھیڑا بھی۔
ہاں ابا جب بارش ہو گی پھر جھولوں گی مجھے بارش بہت اچھی لگتی ہے ‘‘ وہ باپ کے سامنے سے چائے کی پیالی اور پلیٹ اُٹھاتی ہوئی بولی۔
’’اچھا با با تم سارے جیتے میں ہاری۔‘‘ ماں بولی۔
بھائی نے اس دوران اس کا جھولا ڈال دیا۔
دیکھ زور زور سے نا جھولنا کبھی شاخ ٹوٹ جائے۔ہلکے ہلکے جھوٹے لینا۔درخت بہت بڑا نہیں ہے شاخیں بھی زیادہ مضبوط نہیں ہیں گرے گی تو چوٹ لگ جائے گی ‘‘ بھائی نے پیار سے کہا اور اس کے سر پر پیار سے چپت لگا کر باپ کی طرف بڑھ گیا۔اور وہ دونوں باپ بیٹے کھیت کی طرف نکل گئے۔
امینہ کے باپ نے جاتے جاتے بیوی سے کہا ’’اگر بارش ہونے لگے تو سامان اوپر چھت پر لے جانا کہتے ہیں بارشیں زیادہ ہوں گی۔ایسا نہ ہو کہ پہلے کی طرح سارا سامان بارش میں بہہ جائے ‘‘
اچھا چل اماں صحن لیپ لیں اُدھر اُپلے لگانے سے بہت گندہ ہو گیا ہے۔امینہ جھولے کی خوشی میں مان کا کہنا مان دہی تھی تاکہ کام ختم کر کے خوب جھولا جھولے۔
’’ہاں ہاں شاباش چل کام کر لیں آج تھورا ٹھنڈا دن ہے کام ہو جائے گا ‘‘ ،
وہ دونوں صحن کی صفائی میں لگ گئیں۔تین چار گھنٹوں کی محنت سے سارا صحن صاف ستھرا ہو گیا اور گرمی کی وجہ سے جلدی سوکھ بھی گیا۔
ماں کھانا پکانے لگی اور وہ تھک کر سامنے پڑے پلنگ پر سو گئی۔
ماں نے اُسے پیار سے دیکھا ،اور کھانا پکانے لگی امینہ ابھی صرف تیرہ سال کی تھی مگر اُٹھان اچھی تھی اس لئے اپنی عمر سے بڑی لگتی تھی ،اُس کی عمر کی بچیاں اس سے چھوٹی لگتی تھیں۔
شام ہونے کو آ رہی تھی ،ماں نے اُسے اُٹھایا۔’’کتنا سوئے گی بس اُٹھ جا شام ہونے کو ہے ‘‘۔
امینہ ہڑ بڑا کر اُٹھی ’’اماں تو نے مجھے اُٹھایا کیوں نہیں ،شام ہو گئی اور میں نے جھولا بھی نہیں جھولا ‘‘۔
’’چل چل جھولا کہاں بھاگا جاتا ہے کل جھول لینا لگتا ہے کل بارش بھی خوب ہو گی۔تیرا بھائی اور باپ آتا ہو گا چل چندا جلدی جلدی آٹا گوندھ لے۔میں نے بھی دوپہر کھانا نہیں کھایا مجھے بھی بھوک لگی ہے۔‘‘
وہ بے دلی سے ماں کے ساتھ کام میں لگ گئی۔
بھائی اور باپ تھکے ہارے آئے ،سب نے کھانا کھایا۔بھائی نے پوچھا
’’امینہ آج تو تو سارا دن جھولا جھولتی رہی ہو گی ہیں اماں ‘‘
’’نہیں بھیا آج ماں کے ساتھ کام کرایا۔پھر سو گئی۔میں کل جھولوں گی ‘ اُس نے منہ پھُلا کر کہا۔
’’ارے میں تو سوچ رہا تھا آج سارا دن ماں تجھ پر چیختی رہی ہو گی اور تو جھولے سے اتری ہی نہ ہو گی اور ماں مجھے بھی برا بھلا کہہ رہی ہو گی کہ میں نے جھولا ڈالا۔‘‘ وہ ہنستے ہوئے اُٹھا باپ بھی مسکرایا اور ماں بھی مگر امینہ منہ پھلائے پھلائے کام کرتی رہی۔
’’مگر دیکھنا بھیا کل میں بہت جھولوں گی ،اور ہاں اماں کل میں صبح صبح سارا کام کرا دوں گی اور پھر مجھے کوئی کام نہ بتانا بس ‘‘ اُس نے درخت پر ڈلے جھولے کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔صبح جب وہ اُٹھی تو ہلکی ہلکی بارش ہو رہی تھی۔ماں ناشتہ بنا رہی تھی باپ اور بھائی کھیتوں کے لئے تیار تھے
باپ نے جاتے جاتے ماں سے کہا دیکھ بھلی لوگ خیال رکھنا کہتے ہیں کہ اس دفعہ بہت خطرہ ہے۔چھت پر کچھ چیزیں ضرور رکھ لینا کیا پتہ کیا ہونا ہے ؟ وہ عجیب سی نبات کر کے چلا گیا۔
وہ ناشتہ کر کے جھولے پر جا بیٹھی اُونچی اُونچی پینگیں لینے لگی۔خوشی کے مارے اس کا انگ انگ جھوم رہا تھا ماں اُسے دیکھ دیکھ کر اُس کی دیوانگی پر دل ہی دل میں ہنس رہی تھی مگر اس پر ظاہر نہ کر رہی تھی کبھی امینہ واقعی سارا دن ہی جھولے پر نہ بیٹھی رہے۔ماں نے گائے کو چارہ ڈالا۔بکریوں کو کھولا۔مرغیوں کو دانا ڈالا۔اور وہ سارے کام کر دئے جو امینہ سے کراتی تھی یہ سوچ کر کہ چل خوش ہونے سے بچی ہے۔اُس نے اپنے آپ سے کہا۔دل نے کہا کچھ سال میں تو دوسرے گھر چلی جائے گی چل کرنے دے کچھ عیش۔اور وہ اپنی سوچ پر خود ہی افسردہ سی ہو گئی بیٹی کی جدائی سوچ کر۔
پھر بارش نے شدت اختیار کر لی اور ایک دم ایسا لگا کہ پانی کا ریلا سا آ گیا ، ماں چیخی ارے امینہ جلدی آ دیکھ پانی اندر آ رہا ہے چل بیٹا پلنگ چھت پر لے چل کبھی پچھلے برس کی طرح نیچے بیٹھنے کا بھی ٹھکانہ نہ رہے۔چل جلدی کر۔وہ جلدی جلدی ماں کے ساتھ سامان چھت پر پہنچانے لگی۔
’ماں تو بھی اتنی جلدی ڈر جاتی ہے ابھی تو صحن تک ہی پانی بھرا ہے اور تو سارا سامان اوپر لے جا رہی ہے۔‘
نا بیٹی پتہ نہیں کیوں خوف سا آ رہا ہے تیرا باپ کہتا تھا کہ اب کے بڑا خطرہ ہے۔سامان اوپر چلا گیا تو کم از کم بیٹھنے کا تو ٹھکانہ رہے گا۔ماں پلاسٹک نکال کر پلنگ پر چھت بنانے لگی۔
امینہ کو عجیب سا لگا اور ماں کی بے چینی بھی سمجھ میں نا آئی اور وہ پھر جا کر اپنے جھولے پر بیٹھ گئی۔بارش ہو رہی تھی اور صحن میں پانی بھر گیا تھا۔وہ ہر جھونکے کے ساتھ ہلکا سا قہقہہ لگاتی جو اس کی خوشی کا غماز تھا۔امینہ کی ماں پریشان سی تھی اسے یاد تھا جب وہ امینہ ہی کی عمر کی تھی تو سیلاب آیا تھا اور اس کے گاؤں میں بڑی تباہی لگی تھی ان کا بھی سب سامان بہہ گیا تھا مگر باپ کا گھر پکا تھا اس لئے جانیں بچ گئیں تھیں۔نیچے سے امینہ کے گانے کی آواز آ رہی تھی جو وہ جھولتے ہوئے گا رہی تھی۔ابھی وہ چھت پر بیٹھنے کا انتظام ہی کر رہی تھی کہ ایک دم انتہائی تیز پانی کا ریلا گھر میں داخل ہوا اور پھر پانی کے سوا کچھ نظر نہ آیا امینہ کی آواز بھی دب گئی تھی۔اور ہر طرف سے چیخو پکار کی آوازیں آنے لگیں۔
امینہ امینہ ماں نے پاگلوں کی طرح آوازیں دینی شروع کیں پر جواب میں کوئی آواز نہ آئی۔پانی چھت تک آ گیا تھا۔ہر طرف پانی ہی پانی تھا۔وہ بے قراری سے امینہ کو آوازیں دیتی ہوئی نیچے اُترنے لگی۔پانی کا ریلا اتنا تیز تھا کہ اسے لگا کہ وہ بہے جائے گی۔وہ بے تحاشہ چیخ رہی تھی کبھی امینہ کو کبھی بیٹے کو اور کبھی اپنے شوہر کو آوازیں دے رہی تھی۔پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ وہ دوبارہ چھت پر چڑھ گئی۔پانی چھت سے صرف ایک بالشت نیچے تھا۔ امینہ کو آوازیں دیتے دیتے اس کی آواز بیٹھ گئی۔مگر ہر طرف سوائے پانی کے کچھ نہ تھا۔گائے بھی پانی میں تیر رہی تھی بلکہ اس کے بہاؤ کے ساتھ ساتھ جا رہی تھی بکریوں کا بھی کچھ پتہ نہ تھا۔اور مرغیاں بھی نہ جانے کدھر کی کدھر تھیں۔لوگ ڈوب رہے تھے چیخ رہے تھے آوازیں دے رہے تھے۔ہر چیز پانی کیے رحم و کرم پر تھی۔وہ جدھر بہا رہا تھا اُدھر ہی بہتی جا رہی تھیں۔ وہ پاگل سی ہو گئی ،اور اُس نے امینہ کو ڈھونڈھنے کے لئے بغیر سوچے پانی میں چھلانگ لگا دی۔وہ بہتی ہوئی بڑی کوشش کے بعد صحن میں لگے درخت تک پہنچی اُس نے جھولے کی رسی پکڑی اس کا سہارا لیا
پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ اسے سنبھلنا مشکل ہو رہا تھا۔سامنے کی دیوار ٹوٹ چکی تھی۔مگر جھولے کی رسی ابھی تک درخت پر تھی اُس نے اُس رسی کو پکڑ کر امینہ کو ڈھونڈا اور امینہ اُسے جھولے کی رسی سے لپٹی ہوئی مل گئی وہ مارے خوشی کے زور زور سے اُسے آوازیں دینے لگی۔مگر امینہ کے جسم میں کوئی جنبش نہ ہوئی اور اس کا ہاتھ جھولے کی رسی سے لپٹا ہوا تھا۔
ماں میں چیخنے کا دم بھی نہ رہا تھا اور ایک اور زبردست پانی کے ریلے نے اُسے بھی اپنے اندر سمیٹ لیا۔اور امینہ جھولا ہی جھولتی رہ گئی۔
شاخ اپنی جگہ تھی اور اُس پر جھولا اُسی طرح لٹک رہا تھا۔کمزور شاخ اپنی جگہ تھی لیکن مضبوط چیزیں پانی کے بہاؤ کو نہ سہہ سکیں تھیں۔ساری طاقتور اور مضبوط چیزیں زمیں بوس ہو گئی تھیں بہہ گئی تھیں۔جانیں ختم ہو چکی تھیں لاشیں تھیں۔کچھ پر تو رونے والا بھی کوئی نہ بچا تھا۔
ہر طرف پانی تھا ہر طرف تباہی تھی۔ہر زی روح خوفزدہ تھا۔پر جھولا اپنی شاخ پر جھول رہا تھا۔شاید جھولنے والی کو تلاش کر رہا تھا۔جو نہ جانے بہہ کر کہاں سے کہاں گئی ہو گی۔اور نہ جانے کتنی ہی امینائیں جھولا جھولتے جھولتے بارش میں پینگیں لیتے لیتے اس سیلاب کی نظر ہو گئی ہوں گی۔
٭٭٭
وہاں تو صرف صلہ ہی صلہ ہے
عجیب سی کشمکش تھی ماحول میں کھنچاؤ تھا ، انہیں ان باتوں سے لڑنے میں مشکل ہو رہی تھی جو ان کے ماحول اور ان کی اپنی تربیت کے خلاف تھا وہ خود کو ایسی کشتی کا سوار سمجھ رہے تھے جس میں کبھی بھی سوراخ ہو سکتا تھا اور دونوں میاں بیوی خوفزدہ تھے کہ کسطرح اپنی کشتی کو بچائيں اور یہ ہی سوچ اکثر کھنچا ؤ کا باعث بن جاتی تھی۔ دونوں ہی ایسے خاندان سے تعلق رکھتے تھے جہاں نہ آزادی تھی اور نہ ہی دقیانوسیت بلکہ جائز ا ور اچھے کاموں کا کرنا پسندیدہ تھا اور کوشش ہوتی تھی کہ ان باتوں پر سختی سے عمل کیا جائے جو د ین کے دائرے میں رہتے ہوئے دنیا کے فائدے کے لئے بھی ہوں۔انہیں اپنے ملک سے نکلے پند رہ سال ہو چکے تھے ایک بیٹی سترہ سال کی تھی اور چھوٹی چھ سال کی بیچ میں آنے والی دو جانیں دنیا میں آنے سے پہلے ہی اللہ کے پاس جا چکی تھیں اس لئے یہ دونوں بچیّاں ان کی ساری متاع تھیں جب وہ نارتھ امریکہ آئے تو ان کی ملاقات جن لوگوں سے ہوئی وہ سب ان کی سی ہی سوچ رکھتے تھے ماحول بھی ایک جیسا تھا وہ بہت مطمئن تھے مگر جیسے جیسے لوگ بڑھتے گئے روئیے بھی بدلتے گئے اور سوچ میں ٹکراؤ پیدا ہونا شروع ہو گیا۔ کیونکہ کچھ لوگ وہ تھے جو حالات میں ڈھل جانے کو عافیت سمجھتے تھے اور کچھ ایسے تھے جو اپنی اقدار پر کوئی مصلحت آڑے نہ آنے دیتے تھے ،انکی سوچ تھی کہ اپنی شناخت کو کسی مصلحت کے لئے ختم کرنا اپنی موت آپ مر جانا ہے اور یہ ہی وہ نکتہ تھا جس پر اختلافات بھی ہو جاتے تھے ، اب ایسا ہونے لگا کہ لوگ گروپس میں بٹنے لگے کہ سوچ مختلف ہو رہی تھی مگر کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط بڑے انصاف سے کہتے اور سمجھتے تھے لیکن بد قسمتی سے ان کی تعداد بہت کم تھی زیادہ تر لوگ وہ تھے جو چھا جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اپنی غلط سوچ کو بھی بڑی ڈھٹائی سے دوسروں پر مسلّط کر دیتے ہیں اور خود بھی کبھی کسی گروپ میں نظر آتے اور کبھی کسی ،خود اپنی راہ کا تعین بھی نہیں تھا اور ان دونوں کا مسئلہ یہ بھی تھا کہ ایسے لوگوں کے ساتھ کس طرح کا رویہ رکھیں وہ دونوں اس بات پر متّفق تھے کہ ایسے لوگوں سے صاحب سلامت رکھی جائے اور بس مگر پھر سوچتے کہ یہاں کو ئی اپنا تو ہے نہیں یہ ہی سب اپنے ہیں ان ہی باتوں کی وجہ سے ان کا حلقۂ احباب چھوٹا ہوتا جا رہا تھا کیونکہ اپنی اقدار کو قائم رکھنے والے ماڈرن سوچ جو ایک نظرئے سے تو کسی صورت بھی ماڈرن نہ تھی بلکہ بقول کچھ لوگوں کے تباہی کی پہلی سیڑھی تھی جس پر قدم رکھ رہے تھے بغیر تحقیق کے بغیر یہ سوچے کہ انجام کیا ہو گا۔ ایک اور عجیب سوچ جو شروع ہو ئی تھی وہ تھی ان کے کلچر کو اپنا نا اپنے مطابق ،اور یہ وہ بات تھی جو کسی بھی ہاضمے کی گولی سے ہضم نہیں ہو رہی تھی ان کی سوچ تھی کہ ناچنا اگر غلط ہے تو غلط ہے چاہے عورتوں کے سامنے ہو یا مردوں کے ،کہ انہوں نے اسلامی ڈانس کی اصطلاح کہیں نہیں سنی تھی اور یہاں انہوں نے اسکارف پہننے والی خواتین کو بھی ایسا ڈانس کرتے دیکھا تھا کہ روح تک خوفزدہ تھی کہ یہاں کا مقامی ڈانس تو چند قدموں تک محدود ہوتا ہے مگر ہمارے لوگ تو انڈیا کے ڈانسرز کی نقل کرتے ہیں یہ کہاں تک جائز ہے ان دونوں کو پتہ نہیں تھا ایک اور بات تھی جو اس کو بڑی حیرت میں ڈالتی تھی کہ سر تو اسکارف سے ڈھکے ہوتے لیکن سینے کی طرف کسی کی توجہ نہ ہوتی جبکہ حکم کا مفہوم ہے کہ اپنے سر اور سینوں پر اپنی چادریں ڈال لیا کرو۔ اس کو سب سے زیادہ مشکل بیٹی کو سمجھا نے میں ہو تی جو بڑی حد تک سب باتوں کو سمجھتی تھی اور ماں کی پریشانی کو سمجھتی بھی تھی یہ اس کی قربانی کا نتیجہ تھا جو اس کی تربیت پر محنت کرتی تھی وہ ماں کا کہنا مانتی تھی اور انہیں خوش رکھنے کی پوری پوری کوشش بھی کرتی تھی جس کو وہ دونوں اللہ کی رحمت سمجھتے تھے۔ کبھی کبھی دونوں میاں بیوی سر جوڑ کو بیٹھتے اور سوچتے کہ بیٹیوں کی زندگی کا سوال ہے اس ماحول کو ہم اپنا نہیں سکتے تو کیوں نہ واپس اپنے ملک چلے چائیں ،مگر وہاں کے حالات قدم روک دیتے جو لوگ ملک سے جا کر آتے وہ ایسے حالات سناتے کہ ہمّت ٹوٹ جاتی وہ دونوں مل کر اپنے ماحول کو خراب نہ کرنے کا عہد کرتے اور اور دل و جان سے پھر اپنے بچوں کے کردار سنوارنے اور ان کی مشکلات کو اپنے طور پر حل کرنے میں کوشاں ہو جاتے دوسری بیٹی ابھی چھوٹی تھی اکثر اس کو سمجھانا چیلنج بن جاتا کیونکہ وہ ہر بات میں اتنے سوال کرتی کہ لگتا کو ئی چیستاں ہے کہ بس جواب دئے جاؤ کبھی کبھی ماں کا صبر ساتھ چھوڑنے لگتا مگر اسے اپنی ساس کی بات یاد آ جاتی کہ بچوں کو مطمئن کرنا بہت ضروری ہوتا ہے اور وہ پھر اس کے جواب دینے کو تیّار ہو جاتی۔
بڑی بیٹی کو ڈرائیونگ سکھا ئی تھی جس کی وجہ سے انہیں یہ آسانی تھی کہ جب کبھی شوہر تھکے ہوئے ہوتے یا کسی خواتین کے پروگرام میں جانا ہوتا تو وہ آسانی سے چلی جا تی تھیں شوہر کی کوشش ہوتی کہ قرضہ کم سے کم ہو تاکہ مصیبتوں میں بھی کمی رہے ان کی بیٹی نے بڑی تگ و دو کے بعد انتہا ئی مشکل سے ایک لائبریری میں جاب حاصل کر لی اور اپنی پڑھا ئی جاری رکھی ماں باپ بیٹیوں کو دوستوں کی طرح رکھتے تھے یہ ہی وجہ تھی کہ بیٹی کی ہر بات ماں کے علم میں رہتی تھی وہ بھی بیٹی پر اعتماد کرتی تھی اور بلا وجہ کے شکوک و شبہات سے پرہیز کرتی تھی چھو ٹی کبھی کبھی آؤٹ ہوتی مگر یہ لوگ اس کو سنبھال لیتے تھے وہ جب ایک ساتھ بیٹھتے تو ہر ٹاپک پر با ت چیت کرتے ،کہیں جا نا ہوتا تو کوشش کرتے کہ فیملی کے ساتھ جائیں اگر خواتین کی پارٹی ہوتی تو وہ ہمیشہ بچیوں کے ساتھ ہوتی۔ وہ زیادہ تر کوشش کرتی کہ ایسی پارٹیز میں جائے جو ان کے ماحول سے مطابقت رکھتی ہو کیونکہ وہ سوچتی تھی کہ یہاں بچوں کی تربیت اپنے ماحول کے مطابق کرنا پل صراط پر چلنا ہے ساتھ ہی وہ یہ بھی سوچتی تھی کہ جتنی تکلیف سے وہ گزر رہی ہے اتنی ہی اس کی بچیاں بھی سختی سے دو چار ہیں وہ سوچتی کہ شاید ہماری یہ قربانیاں ہمارے لئے آخرت کے اجرو ثواب کا باعث ہوں شاید اس کاوش کی وجہ ہی سے ہم وہ مقام حاصل کر لیں جو مقصود مومن ہے کہ دنیا کی زندگی تو کچھ سالوں کی ہے اور کما ئی ساری یہاں ہی سے جانا ہے وہاں تو صرف صلہ ہی صلہ ہے انصاف کے ساتھ ،اپنی محنت کا اندازہ تو انسان خود کر لیتا ہے کہ کس پائے کی محنت اس نے کی ہے یہ سوچ اس میں ایک نئی روح پھونک دیتی اور وہ ایک نئے عزم کے ساتھ چھوٹی کو اسکول سے لانے کے لئے نکل جاتی۔ آج جب بڑی بیٹی واپس آئی تو ایک نیا ٹاپک کھلا اس نے کہا امّی آ پ نے بتا یا تھا کہ سورۃالفلق میں ذکر ہے کہ رات میں کیسی کیسی مخلوق نازل ہوتی ہے جن کا ہمیں علم نہیں "ہاں بیٹی مفہوم یہ ہی تھا " اور آپ نے ایک دن تفسیر سے پڑھکر یہ بھی بتا یا تھا کہ عورتوں کو حکم ہے کہ مفہوم "قرار سے اپنے گھروں میں رہو اور جاہلوں کی طرح باہر نہ پھرو اور نہ اپنی زینت دکھا تی پھرو ' ہا ں بیٹی بتا یا تو تھا مگر آج تمہیں یہ سب کیوں یاد آ گیا ؟ اس نے کہا امّی آج مجھے ایک سہیلی نے سلیپ اوور یعنی رات ساتھ گزارنے کے لیئے مدعو کیا اور بتا یا کہ وہاں سب مسلم لڑکیاں ہوں گی ،مگر میری سمجھ میں نہیں آیا ، میں نے اس سے کہا کہ رات بھر رہنے کا کیا تک ہے اس نے کہا تمہیں تو پتہ ہے کہ یہاں کی لڑ کیاں کسی جگہ جمع ہوتی ہیں آپس میں ملتی ہیں سلیپ اوور کے لئے ایک دوسرے کو جاننے کے لئے اسی لئے مسلم لڑکیوں کے لئے بھی ایسا رکھا ہے تا کہ وہ بھی آپس میں ملیں ،' مگر ہم لوگ تو دن میں مل سکتے ہیں کچھ وقت ساتھ گزار سکتے ہیں تو ساری رات گھر سے باہر رہنا اور وہ بھی ہم لو گوں کا یہ میری سمجھ میں نہیں آ رہا ' امی میری بات سن کر وہ یہ کہہ کر چلی گئی کہ ہم لوگ بھی ان کے کلچر کو اپنے کلچر میں شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہم ان سے الگ نہ فیل کریں۔ایلین بن کر نہ رہ جائیں۔ امی میں حیران ہوں کہ ہم تو ان سے الگ ہیں ہی یہاں رہنے کا مقصد تو ہر گز یہ نہیں ہے کہ ہم بھی وہ باتیں اپنائیں چاہے کسی بھی صورت۔ وہ خاموشی سے اپنی بیٹی کی باتیں سن رہی تھی اس نے بیٹی سے کہا 'تم نے خود ہی مجھے ان دونوں احکامات کا مفہوم بتا یا ہے اب تم خود ہی فیصلہ کر لو کہ تمہیں وہاں جانا چاہئے کہ نہیں ؟کیا تم مناسب سمجھتی ہو کہ رات بھر گھر سے باہر رہو سہیلیوں کے ساتھ " نہیں امی میں تو کسی صورت یہ بات ٹھیک نہیں سمجھتی ہم اگر ملنا چاہیں ایک دوسرے کی اچھا ئیاں سیکھنا چا ہیں تو چھٹی کے د ن ، دن کے وقت مل سکتے ہیں ،مین نے تو جب سے سورۃ الفلق کا ترجمہ پڑھا ہے اور تفسیر ،یقین جا نئے مجھے تو رات دیر میں باہر نکلنا بھی اچھا نہیں لگتا چا ہے آپ میرے ساتھ ہوں۔ تو کیا امی ان لوگوں نے یہ سب نہیں پڑھا ہو گا؟۔ ضرور پڑھا ہو گا اس نے خود ہی جواب دیا۔اور نہ معلوم کیسے اسے محسوس ہوا کہ اس کا دل بیٹی کی باتیں سن کر اللہ کے حضور سجدے پر سجدے کر رہا ہے کہ اس کی محنت رنگ لا ئی ہے اور اس کی بیٹی خود اپنی حفاظت کے لئیے تیار ہو گئی ہے اور اس نے بے ساختہ اپنی بیٹی کا ماتھا چوم لیا ،چھوٹی نے بھی جلدی سے اپنی پیشانی اس کے سامنے کر دی۔ اس کے شوہر نے بھی بہت مطمئن ہو کر اپنی بیوی کو ستائش بھری نظروں سے دیکھا انہیں لگا کہ وہ یہاں کے طوفان کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ بات صرف محنت کی ہے اور قربانی کی۔ اس کے کانوں میں اس کی ما ں کی آواز گونجی' صحیح علم حاصل کرنا اور صحیح علم دوسروں تک پہنچا نا ہمیشہ فائدہ دیتا ہے پھر چاہے وہ ایک جملہ ہی کیوں نہ ہو ' اور اسے لگا کہ یہ اس کی قربانیوں کا صلہ ہے۔ اور اس کی ماں اور باپ کی تربیت کا جو اسے ان سے ملی تھی جسے اس نے اپنی بیٹی میں منتقل کیا۔
٭٭٭
دل ہے پاکستانی
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ بالکل خالی الذہن ہوں لیکن کوئی ایسی چیز سامنے آ جاتی ہے جو ایک دم سے چونکا دیتی ہے اور ایک ایسی کہانی سننے کو ملتی ہے جو انسان کے اندر ایسی تبدیلی یا سوچ لے آتی ہے کہ خود اپنی ذات بھی کچھ کر گزرنے کے لئے تیّار ہو جاتی ہے میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا کافی دن سے سب بہت مصروف تھے کچھ اپنے اپنے آفسز میں اور کچھ پڑھا ئی میں جس کی وجہ سے دو تین ہفتوں سے سب ایک ساتھ باہر نہ جا سکے تھے اس دفعہ تین چھٹیاں ایک ساتھ تھیں سب نے پروگرام بنایا کہ ڈاؤن ٹاؤن چلتے ہیں لہذا ہم سب صبح جلدی نکل گئے – بہت د ن بعد سب ایک ساتھ تھے لہزا دونوں کاریں آگے پیچھے تھیں اور بچّے ایک دوسرے کو چھیڑتے ہنسی مذاق کرتے ڈاؤن ٹاؤن پہنچ گئے – مالز وغیرہ میں گھومے اور پھر بچوں کا دل اسٹار بکس میں اٹّک گیا میں کیونکہ کافی صرف گھر کی بنی ہوئی پیتی ہوں اس لئے میں نے ان لوگوں سے کہا تم کافی پیئو میں باہر چیئر پر بیٹھوں گی ،دھوپ بڑی اچھی نکلی ہوئی تھی گو ٹھنڈک تھی مگر تکلیف دہ نہ تھی ،دھوپ یہاں انتہا ئی تیز لگتی ہے لگتا ہے کہ کرنیں سیدھی زمین پر آتی ہیں میں چئر پر بیٹھ گئی اور میری متجسس طبیعت چاروں طرف گھومتے پھرتے لو گوں کو دیکھ رہی تھی کہ اچانک میری نظر کافی ہاؤس کے برابر کی دیوار سے ٹک کر بیٹھے ایک ضعیف شخص پر پڑی ،جسکے برابر ایک ٹرالی پڑی تھی جس میں اس کا سارا سامان رکھا تھا جو کالے ٹریش بیگز میں تھا ،اس نے گرم کپڑے پہنے ہوئے تھے جوتے بھی پہن رکّھے تھے لیکن جس چیز نے میری توجّہ اس کی طرف مبزول کی وہ کینیڈا کا جھنڈا تھا جس کو اس نے اپنے سینے سے لگایا ہوا تھا جیسے سب سے قیمتی سرمایہ اس کا یہ ہی تھا میں بیحد حیران ہوئی اس کی اس انسیّت نے مجھے اس سے بات کرنے پر اکسا یا میں نے اسے کچھ پیسے دیئے جو اس نے تھینک یو کہہ کر لے لئے وہ نشے میں نہیں تھا مگر کمزور ضرور تھا۔
میں نے کہا میں اگر کچھ پوچھوں تو برا تو نہیں مانو گے اس نے کہا نہیں میں نے پوچھا تم نے فلیگ کیوں اٹھایا ہوا ہے کوئی قومی دن تو ہے نہیں اور اس کو تم نے ٹرالی میں بھی نہیں رکھا بلکہ سینے سے لگایا ہوا ہے۔اس نے کہا ہاں کیونکہ صرف اس نے میرا ساتھ ابھی تک نہیں چھوڑا یعنی میرے ملک نے اس نے ہنستے ہوئے کہا اور جھنڈے کو اور زور سے بھینچ لیا میں اس کی بات پر بڑی حیران ہوئی میں نے کہا " تمہارے پاس تو گھر بھی نہیں ہے تم ٹرالی پر اپنا سامان لے کر پھر رہے ہو اور کہتے ہو کہ ؛ اس نے میری بات بیچ میں کاٹ دی " کہنے لگا "تمہارے پاس وقت ہے تم میری کہانی سنو گی میرا دل چاہتا ہے کہ اپنی کہانی سناؤں مگر کو ئی میری طرف توجّہ نہیں دیتا تم نے نہ معلوم کیوں مجھ سے بات کی "
میں نے کہا "میں ضرور تمہاری بات سنوں گی تم نے جس طرح فلیگ پکڑا ہوا ہے اس نے مجھے تم سے بات کرنے پر مجبور کیا کہ تمہیں اپنی ٹرالی کی بھی فکر نہیں ہے مگر فلیگ کو تم نے سینے سے لگایا ہوا ہے " وہ مسکرایا کہنے لگا میرا بھی گھر تھا بچّے تھے بیوی تھی پھر میری بیوی بیمار ہو گئی اس کے علاج پر میرا بہت پیسہ خرچ ہو گیا وہ ٹھیک ہو گئی میری دو بیٹیاں تھیں وہ پڑھ رہی تھیں بیٹیاں ہمارا خیال رکھتی تھیں ایک نے ہائی اسکول پاس کر لیا تھا اور کالج میں ایڈ میشن لے رہی تھی چھوٹی اس سے ایک سال پیچھے تھی وہ ابھی اسکول میں تھی کہ میری بیوی پھر بیمار ہوئی اور ختم ہو گئی میں زیادہ پڑھا لکھا نہیں تھا اس لیئے بہت مشکل جابز کر تا تھا جس سے پیسے کم ملتے تھے لیکن میں نے پھر بھی ایک گھر لیا ہوا تھا ماں کے نہ ہونے سے بچیاں ہراساں ہو گئیں اور میں بھی بہت تنہا ہو گیا ماں کے نہ ہونے سے ایک بیٹی غلط دوستوں میں پھنس گئی اور اس نے سگریٹ پینا شروع کر د یا بڑی نے اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ رہنا شروع کر دیا اور پھر اس سے شادی بھی کر لی میں نے روکنا چاہا مگر اس نے کہا کہ وہ ایڈ لٹ ہے اور اپنا فیصلہ خود کر سکتی ہے اسطرح وہ مجھے چھوڑ گئی اس نے اپنی چھوٹی بہن کا بھی خیال نہیں کیا کچھ عرصے تک وہ فون کرتی رہی کبھی کبھی وہ اپنے شوہر کے ساتھ آ کر ہمیں دیکھ بھی جاتی تھی بہن سے بہت ناراض تھی کیونکہ اس کا شوہر بہن کی وجہ سے اسے میرے پاس بھی نہیں آنے دیتا تھا چھوٹی بیٹی آہستہ آہستہ دوستوں کی صحبت میں اتنی خراب ہو گئی کہ کئی کئی دن تک گھر نہ آتی اور جب آتی تو سارا سارا دن سوتی رہتی میں بہت پریشان ہو گیا سمجھ نہیں آتا تھا کہ کسطرح روکوں اگر سختی کرتا تو وہ چھپ کر نکل جاتی اور ہفتوں شکل نہ دکھا تی میں بالکل تنہا ہو گیا پھر مجھے ایک دوست ملی اس کا شوہر نہیں تھا مگر ایک بیٹا تھا یعنی وہ سنگل پیرنٹ تھی اپنے بیٹے کو پال رہی تھی اس کا بیٹا اچھا تھا ان تمام پریشانیوں میں میری جاب ختم ہو گئی تھی میری دوست نے میری مدد کی اور ایک وئر ہاؤس میں جاب دلا دی پھر ساتھ رہتے رہتے ہم اس بات پر تیّار ہو گئے کہ شادی کر لیں اس نے اپنے بیٹے سے پوچھا اسے کوئی اعتراض نہ تھا میں نے ا س سے شادی کر لی اور میری زندگی میں کچھ سکون آ گیا مگر میری بیٹیاں مجھ سے ناراض ہو گئیں اور چھوٹی تو بالکل آؤٹ ہو گئی پھر ایک دن وہ جو کچھ اس کے ہاتھ لگا لے کر ایسی گئی کہ پھر اس کا پتہ ہی نہ چلا کہ اس پر کیا بیتی د و سال گزر گئے ان سالوں میں میں نے محسوس کیا کہ وہ لڑکا جیسے جیسے بڑا ہو رہا تھا ماں پر حاوی ہو رہا تھا میں کچھ بولتا تو وہ سخت رویہ اختیار کرتا اور میری بیوی بھی اس کے ہی ساتھ ہو جاتی پھر ایک دن اس نے مجھ سے طلاق کا مطالبہ کر دیا میں حیران ہو گیا مگر کچھ نہ کر سکتا تھا میرا سب کچھ اس کے پاس چلا گیا مجھے دنیا سے نفرت ہو گئی اس نے مجھے گھر سے بے گھر کر د یا اور میں اپنا سامان لے کر سڑک پر آ گیا کچھ سمجھ نہ آیا کدھر جاؤں کس سے پناہ مانگوں میں نے بڑی بیٹی سے بھی ناطہ توڑ لیا میں اتنا ٹوٹ گیا کہ کہ بس سوچا کہ اب روڈ ز ہی میرے ہیں میرا اعتبار سب پر سے اٹھ گیا بس مجھے میرے ملک کی زمین اور اس کے آسمان نے سہارا دیا ہوا ہے جہاں دل چاہے رات کو سو جاتا ہوں سارا دن گھومتا پھرتا ہوں تھک جاتا ہوں تو کسی دیوار سے ٹک کر بیٹھ جاتا ہوں یہاں میرے جیسے بہت سے ہین میرے ملک کے لوگ مجھے اتنا دے دیتے ہیں کہ بھوکا نہیں رہتا اس لئے مجھے اپنا جھنڈا بہت عزیز ہے کہ میرا ملک مجھے سونے کی جگہ دیتا ہے بیٹھنے کو زمین دیتا ہے اس پر سے مجھے کوئی اٹھا تا نہیں جہاں میں سوتا ہوں وہاں مجھے سونے سے کوئی روکتا نہیں بس یہ ہی وجہ ہے کہ میں اپنے جھنڈے کو سینے سے لگا کر پھرتا ہوں کہ سارے سہارے جھوٹے ہیں سوائے اس کے اور وہ مجھے حیران چھوڑ کر اپنا جھنڈا سینے سے لگائے ٹرالی کھینچتا ہوا بغیر میرا کو ئی جواب سنے چلا گیا اور میں حیران تھی کہ محبت کرنے کے لئے خاص کر اپنے ملک سے محبت کے لئے کسی بھی چیز یا وجہ کی ضرورت نہیں ہے اور ایسے ہی لوگ ہمیں اپنی مٹی اپنی زمیں سے اپنے ملک سے محبت کا ایسا انمول د رس دیتے ہیں جو ہم بھلا نہیں سکتے اور یہ ہی میرے ساتھ ہوا۔
بچے واپس آ گئے اور ہم سب گھر کی طرف رواں دوا ں تھے مگر میرے خیالات میں ایک انقلاب تھا کہ وطن سے محبت بہت بڑا سرمایہ ہے ان محبت کرنے والوں ہی سے ملک قا ئم ہیں ایسا شخص جو صرف اپنے ملک کی زمین اور آسمان استعمال کرتا ہے اور اتنا شکر گزار ہے د رس ہے ان لو گوں کے لئے جن کے ملک انہیں ہر دولت سے نوازتے ہیں کہ وہ اپنے ملک سے ایسی ہی محبت کریں جیسا ایک ہوم لیس جس نے مجھے پر خلوص محبت کا ایک نیا د رس د یا کہ اچھی بات تو کسی کی بھی اثر کر جاتی ہے صرف چشم بینا چاہئے اور اثر قبول کرنے والا دل کاش وہ جن کے پاس سب کچھ ہے اپنے ملک سے ایسی ہی محبت کرنے لگیں تو سارے د کھ دھل جائیں اے کاش الفاظ الفاظ نہ رہیں عملی جامہ پہن لیں اے کاش میرے دل نے کہا واقعی یہ ملک اور جھنڈا ہی ہے جو ہر بھوکے ،ننگے ،کالے ،پیلے ،گلابی ،سفید،بھورے سبکو اپنے اندر ایک ماں کی طرح سمیٹ لیتا ہے یہ ملک ہی ہے جو اپنے بسنے والوں کو کبھی دھتکارتا نہیں پہچان دیتا ہے ،امان دیتا ہے۔ یہ تو ہم رہنے والے ہیں جو اس کے حصّے بخرے کر دیتے ہیں کہ یہ اس جگہ کا ہے تو وہ اس جگہ کا اور مجھے خیال آ یا کہ واقعی یہ بانٹ تو ہم نے کی ہے ملک تو ایک جھنڈے تلے سب کو سمیٹے ہوئے ہے وہ تو یہ نہیں پوچھتا کہ تم مہاجر ہو پنجابی ہو پٹھان ہو بلّوچی ہو سرائیکی ہو یا سندھی۔نہ وہ یہ پوچھتا ہے کہ تمہارا مذہب کیا ہے وہ تو تمہیں آزادی دیتا ہے کہ تم سب میرے نام سے ہو میری پہچان بنو بس میرے بن جاؤ مجھ سے محبت کرو جیسا کہ میں تم سے محبت کرتا ہوں میں نہیں پوچھتا کہ تم کیا ہو بس سبکو اپنے سینے سے لگاتا ہوں یہ تو تم ہو جو خرابی لاتے ہو بٹ جاتے ہو مصلحت کے نام پر حالات بناتے ہو آپس میں اختلاف پیدا کرتے ہو میں نے تو تمہیں ایک جھنڈا ایک نام دیا ہے کاش اپنی عظمت اپنی وقعت پہچانو کہ تم مجھ سے ہو اور میں تم سے ہوں اور اسی میں مجھے کہیں اپنے وطن کی آواز بھی سنا ئی دی اور میں نے گھر آ کر پاکستان کے جھنڈے کو سینے سے لگا لیا کہ نہ اپنی اصل کو بھولو اور نہ اپنے حال کو ہر لمحہ ایک سبق دیتا ہے صرف طلب کی بات ہے آپ بھی عالم آرا کے ساتھ اس طلب میں شامل ہو جائیے کہ ہماری بقا ہما ری پہچا ن میں ہے اور ہماری پہچان ہمارا ملک ہے کہ کہیں بھی رہیں دل پاکستانی ہی رہنا چاہۓ۔
٭٭٭
اسے کیا کہوں ؟
مجھے اپنی ایک بہن کی طرح عزیز خاتون کے یہاں اُن کے نواسے کی مبارکباد کے لئے جانا تھا۔اس لئے کچھ تحفہ خریدنا چاہ رہی تھی۔بیٹے کے ساتھ شاپنگ مال گئی بہت جلدی میں تھی کیونکہ اُسے آفس بھی جانا تھا۔مین تیزی سے جا رہی تھی کہ مجھے مال کے دروازے پر کھڑی ایک خاتون نے بہت اپنائیت سے سلام کیا۔’’’وعلیکم السلام کیسی ہیں ‘‘ میں نے اخلاق کا ثبوت دیا۔
کیونکہ وہ مجھے بالکل اجنبی لگ رہی تھیں یاد نہیں آ رہا تھا کی میں نے اُنہیں کبھی دیکھا ہو۔لیکن جس اپنائیت سے انہوں نے مجھے سلام کیا اُس نے مجھے رُکنے پر مجبور کیا۔
’’تم لکھتی ہو اور بہت اچھا لکھتی ہو میں تمہارے کالم پڑھتی ہوں۔مگر تم نے کبھی اُن لوگوں کے بارے میں لکھا جو بُڑھاپے میں بیویوں کو چھوڑ کر یہاں کی عورتوں کے ہو جاتے ہیں اِن کی طرف تو تم نے کبھی توجہ نہیں دی۔اِن کے لئے تو تمہارا قلم نہیں اُٹھتا۔یہ کردار تمہاری آنکھوں سے اوجھل رہتے ہیں یا تم انہیں دیکھنا ہی نہیں چاہتیں ‘‘ انہوں نے مجھے زبردست ڈانٹ پلائی میں جلدی شاپنگ کرنے کی بات بھول گئی ،اور اُن کی طرف متوجہ ہوئی کیونکہ آج کل مین بھی کسی اچھوتے خیال پر لکھنے کی کوشش میں تھی لیکن سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کس مسئلے پر لکھوں مجھے ایسا لگا کہ جیسے یہ میرے لئے غیبی مدد ہو۔میں نے اُن کا ہاتھ اپنائیت سے تھاما ،نہ جانے کیوں میرا دل چاہا کہ وہ مجھے ڈانٹتی رہیں کہ واقعی ہم صرف اور صرف نوجوانوں کی طرف اور اُن کی نالائقیوں اور کمزوریوں کو ہی اپنا نشانہ بناتے رہتے ہیں اور یہ چھپے رُستم ہماری نظروں سے اوجھل رہتے ہیں۔اور ہم اُن بزرگوں کو بھول جاتے ہیں جو یہاں پردیس میں ایسی اذیتوں کا نشانہ بنتے اور انہیں خاموشی سے سہتے ہیں اُن میں مرد بھی ہیں اور خواتین بھی۔جن میں شاید خواتین کی تعداد کچھ زیادہ ہے ،وہ خاموشی سے اس عذاب سے گزرتے ہیں جو شاید اس عمر میں سہنا انتہائی مشکل کام ہے۔میں نے اُن سے معذرت کی۔’’آپ نے بالکل ٹھیک کہا میں اس بارے میں لکھوں گی مگر ایسا کوئی واقعہ میرے علم میں نہیں ہے اگر ہوتا تو میں ضرور لکھتی ‘‘
’’مجھے اپنا فون نمبر دو میں بتاؤں گی ‘‘ میں بڑی حیران ہوئی اُن کی ہمّت پر بھی اور سمجھی کہ شاید اُن ہی کا معاملہ ہے۔میں نے جلدی سے اپنا فون نمبر دیا ،کیونکہ اب صاحبزادے جلدی کے لئے ہاتھ ہلا رہے تھے انہیں پتہ تھا کہ میں اگر رُک گئی تو کتنا وقت لگے گا پتہ نہیں ،میں نے خاتون سے معذرت کی اور انہیں بتایا کہ میرے بیٹے کے آفس کا وقت ہو رہا ہے ،لیکن اُن سے کہا کہ فون ضرور کریں۔میں آگے بڑھی اور وہ بھی سامنے سے آنے والی ایک خاتون کے ساتھ مال میں داخل ہو گئیں۔
راستے بھر میں سوچتی رہی کہ نہ جانے کتنے مسائل ہیں جن سے لوگ یہاں آ کر گزرتے ہیں ،نہ کہہ سکتے ہیں ،نہ جھیل سکتے ہیں۔اکثر مسائل تو ایسے ہیں کہ اُنہیں لکھتے ہوئے بھی قلم جھجکنے لگتا ہے ،کہ ہم مسلمان ہیں اور ہمارا تشخص ہی ان تمام نا انصافیوں اور مظالم سے بالا تر ہے ،مگر اچھے برے لوگ تو ہر جگہ ہوتے ہیں ،ہر ملک میں ہر ملت میں ہر مذہب میں ہر دور میں۔لیکن ایسی باتیں میری نیندیں اُڑا دیتی ہیں میری بے چینی بڑھ جاتی ہے کہ میں ایسے لوگوں کے لئے لکھوں انہیں کچھ دے تو نہیں پاؤں گی مگر انہیں یہ سکون تو ہو گا کہ کسی نے اُن کی بات سنی۔
گھر آ کر بہت دیر تک وہ چہرہ میری نظروں میں گھومتا رہا اور اُن کی آواز میرے کانوں میں گونجتی رہی۔
اور پھر حسبِ روایت مصروفیت نے سب کچھ بھُلا دیا۔شاید دو دن گُزر گئے۔
شام میں ایک فون آیا نمبر انجانا تھا میں نے فون نہیں اُٹھایا اور اُس کو میسج پر جانے دیا۔بعد میں پیغام سُنا تو اُن ہی صاحبہ کا فون تھا ،پیغام تھا کہ جب بھی وقت ہو مجھے فون کرنا ،امید کہ تم اپنا وعدہ نہیں بھولو گی۔
شام کے سات بجے تھے میں نے فون گھمایا ایک صاحب نے فون اُٹھایا ،میں نے گھبرا کر غلط نمبر کہہ کر معذرت کر لی کہ اس معاملے میں میں بہت ڈرپوک ہوں۔اور انجان حضرات سے بات کرنے میں مجھے بہت جھجک ہوتی ہے لیکن اُس کال کو مِس کرنے کا مجھے بہت افسوس بھی تھا۔میں نے اُن کا نمبر بڑا بڑا لکھ کر سامنے رکھ لیا تاکہ اُسے مِس نہ کر پاؤں۔
ساڑھے گیارہ بجے تھے میں دوپہر کا کھانا بنانے کی تیا ری کر رہی تھی کہ فون کی گھنٹی بجی اور اُن صاحبہ کا نمبر فون پر آیا میں نے بے صبری سے فون اُٹھایا اور اسلامُ علیکم کہا۔انہوں نے بڑی اپنائیت سے جواب دیا۔میں نے کل بات نہ ہونے پر معذرت کی انہوں نے اُسے خندہ پیشانی سے قبول کیا انہوں نے کہا میں تمہیں فون پر یہ کہانی سناؤں گی ،پھر تم اسے لکھنا۔میں نے وعدہ کیا انہوں نے کہا میں اسی وقت فون کیا کروں گی اس وقت میرے گھر پر کوئی نہیں ہوتا۔میں نے کہا کوئی بات نہیں آپ بلا تکلف مجھے فون کر سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا مجھے اندازہ ہوا کہ تم درد مند دل رکھتی ہو مگر بہت سے ایسے موضوعات ہوں گے جو تمہاری نظر سے نہیں گزرے ہوں گے یا شاید تم اُن پر لکھتے ہوئے شرم محسوس کرتی ہو گی کہ یہ ہمارے بڑوں کی باتیں ہیں ‘‘ وہ بالکل میرے دل کی ترجمانی کر رہی تھیں ،میں نے کہا جی ہاں ‘‘
مگر آپ برا نہ مانیں تو پوچھوں کہ یہ حالات کس پر گزرے ہیں ؟جو آپ مجھے بتانا چاہتی ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا یہ میری ایک جاننے والی کی بات ہے ‘‘
اور نہ جانے کیوں میں نے سکون کا سانس لیا کہ جس پر گزری ہو اُس سے سننا اور اُسے تسلّی دینا کبھی کبھی بہت ناخوشگوار سا لگتا ہے۔یا شاید یہ میری حساس طبیعت کے لئے مشکل ہوتا ہے۔انہوں نے بتانا شروع کیا۔’’ایک درمیانی عمر کے میاں بیوی یہاں آئے انہوں نے یہاں گروسری کی دوکان خریدی اور اُسے بڑی کامیابی سے چلانے لگے۔دو بچے تھے جو پڑھ رہے تھے ایک بیٹی اور ایک بیٹا۔وہ بھی ماں باپ کا ہاتھ بٹاتے تھے۔دونوں میاں بیوی میں بہت اچھی انڈر اسٹینڈنگ تھی۔اُس وقت یہاں پاکستانی خاندان بہت کم تھے خاص کر اُن کے علاقے میں۔اس لئے دوستی بھی بہت کم تھی۔لیکن انہیں کام اتنا تھا کہ فرصت بھی کم ملتی تھی دونوں تھک بھی بہت جاتے تھے کیونکہ دوکان ساتوں دن کھلتی تھی۔صرف ہفتہ اور اتوار بچے بھی ساتھ دے دیتے تھے۔لیکن اتنا مل جاتا تھا کہ زندگی بڑے آرام سے گزر رہی تھی۔بیٹا کبھی کبھی اس بزنس سے چڑ جاتا اور کہتا کہ کوئی اور کام کر لیں۔لیکن یہ لوگ اُسے سمجھاتے کہ بیٹا نہ تو ہم یہاں کے لوگوں کی طرح ان کی زبان بول سکتے ہیں اور نہ ہی اس طرح رہ سکتے ہیں جو یہاں کا طریقہ ہے۔اس میں کم از کم ہمیں اپنے لباس اپنی بات کی آزادی ہے۔اور جتنی انگلش ہم بول لیتے ہیں یہاں کام چل جاتا ہے۔ وہ چُپ ہو جاتا۔بیٹی بڑی ہو گئی اُس کا رشتہ آیا اور اُس کی شادی کر دی۔لڑکا اچھا تھا لیکن کیلگری میں رہتا تھا اس لئے بیٹی دور چلی گئی مگر ان سے ملنے آتی جاتی رہتی تھی۔پھر آہستہ آہستہ نارتھ امریکہ میں بھی مسلمان فیملیز آنا شروع ہوئیں۔اور لوگ بڑھنے لگے۔ان کے اسٹور پر بھی اب کافی مسلمان آنے لگے۔اور اس طرح کچھ لوگوں سے ملنا جلنا بھی ہو گیا۔یہ لوگ برنا بی میں رہتے تھے اور وہیں ان کی دوکان بھی تھی۔جو گھر سے زیادہ دور نہیں تھی اس لئے بہت مشکل نہیں ہوتی تھی۔انہوں نے بتایا کہ فوزی اتنا تھک جاتی کہ اُسے اپنا بھی ہوش نہ رہتا اب وہ اور اس کا شوہر اس عمر میں تھے کہ یہ سب قدرتی بات تھی مگر دونوں میں ہمت بہت تھی اور پھر ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کام تو کرنا ہی تھا۔بیٹے نے جاب کر لی اور ساتھ ہی ساتھ اس کی شادی بھی کر دی۔اب اُسے گھر کے کاموں سے تھوڑی بے فکری ہو گئی۔اسی دوران ایک خاتون دوکان پر آنا شروع ہوئیں۔جو فوزی ہی کی ہم عمر تھیں۔وہ جب بھی شاپ پر آتیں فوزی کے شوہر سے خوب ہنس ہنس کر باتیں کرتیں۔ان سے بھی بے تکلف ہوتیں۔اور یہ کسٹمر سمجھ کر اُن کا پورا پورا دھیان رکھتیں۔پھر آہستہ آہستہ انہوں نے اپنے شوہر میں تبدیلی دیکھی کہ وہ اُس کی طرف کافی مائل ہونے لگے اور وہ بھی روز ہی دوکان پر آنے لگیں۔فوزی کے شوہر اور وہ خاتون فوزی کے سامنے بھی خوب ہنسی مذاق کرتے بات چیت کرتے مگر فوزی نے اُن کو ایک کسٹمر سے زیادہ توجہ نہیں دی اور اپنے دل میں کوئی وہم بھی نہ لائیں۔کیونکہ ان کے شوہر کے روئیے میں کوئی تبدیلی نہیں تھی۔اور نہ ہی انہیں کسی بے رُخی کا احساس ہوا تھا۔
بہت وقت گزر گیا بیٹی کے یہاں بچے ہوئے۔بہو نے ساتھ رہنے سے انکار کر دیا اور بیٹا بیوی کی مرضی کے آگے ہتھیار ڈال بیٹھا۔اور الگ رہنے لگا پھر اس کی نوکری ٹورنٹو میں ہو گئی اور وہ یہاں سے چلا گیا مگر ماں باپ سے ملنے ضرور آتا تھا۔بیٹی بھی آتی تھی بلکہ اب زور ڈال رہی تھی کہ دونوں ماں باپ بزنس بیچ کر کیلگری شفٹ ہو جائیں ،لیکن یہ بات فوزی کو ٹھیک نہیں لگتی تھی اور وہ بزنس بیچنے کے حق میں بھی نہیں تھیں۔
اُن خاتون سے دوستی اتنی بڑھی کہ وہ گھر پر بھی آنے لگیں۔کبھی کچھ پکا لاتیں کبھی باہر کھانے کی دعوت دے دیتیں۔کبھی کبھی فوزی کو غصہ آ جاتا لیکن اُن کے شوہر اُس خاتون کی حمایت میں بولتے اور یہ چُپ ہو جاتیں اب آہستہ آہستہ اُن کے شوہر بزنس بیچنے پر اصرار کرنے لگے دلیل یہ دیتے کہ وہ تھک گئے ہیں اب اتنا کام مشکل لگتا ہے۔دو بندے تو ہیں میں کسی جگہ نوکری کر لوں گا ،اور وہ معصومیت سے اُن کی بات پر یقین کر گئیں۔اور فوزی نے سوچا ٹھیک ہے اتنے سالوں اتنی سخت محنت کی اب تھوڑا آرام نصیب ہو گا۔وہ دل ہی دل میں خوش ہو گئیں۔
پھر بزنس بیچنے میں مہینوں لگ گئے اور فوزی کچھ سکون سے ہو گئی۔لیکن نہ معلوم کیوں اندر اندر انہیں کچھ خوف سا بھی ہو رہا تھا مگر انہوں نے سوچا کہ فرصت کی وجہ سے اُلٹے سیدھے خیالات دماغ میں آتے ہیں۔ان کے شوہر بھی کچھ عجیب سے محسوس ہوتے اور فوزی کو لگتا کہ وہ کچھ جھینپے جھینپے سے رہتے ہیں۔لیکن ان سب خدشات کو بے وقوفی سمجھا اور اپنی دنیا میں مست ہو گئیں۔شوہر صبح نکل کر اب شام میں گھر آتے۔فوزی پوچھتیں تو جواب ملتا کہ کام کے گھنٹے زیادہ ہیں۔پھر انہوں نے گھر بھی بڑا کہہ کر چھوڑ دیا۔اور ایک کمرے کا فلیٹ لے لیا اور اس میں شفٹ ہو گئے۔یہاں فوزی نے سوچا کہ سارا دن تنہا بھی ہوتی ہوں اور بے کار بھی۔تو وہ فلیٹ میں رہنے والوں کے متعلق جاننے میں لگیں۔اُن کے بلاک میں زیادہ تر گورے جوڑے تھے۔کچھ ریٹائرڈ تھے۔کچھ بچوں کی شادیوں کے بعد تنہا رہ جانے پر یہاں آ گئے تھے اور یہ کوئی نئی بات نہ تھی۔خاص کر یہاں کے ماحول میں۔فلیٹ اچھے تھے ایک کمرے کے تھے لیکن سٹنگ روم وغیرہ بڑے بڑے تھے جس کی وجہ سے گھبراہٹ نہیں ہوتی تھی۔دوسرے بلاک میں برے فلیٹ تھے۔وہیں ان کی دوستی ایک اپنے ہی جیسے گوجرانوالا کے خاندان سے ہو گئی اور وہیں ان کی دوستی اپنی ہم عمر خاتون سے ہو گئی جو ہر برے وقت میں اُن کی ہمّت بڑھاتی رہی اور اُس کے دکھ کو آج سب کے سامنے بیان کرنے کا عزم کر بیٹھی۔یہاں کیونکہ فرصت نام کی چیز بڑی مشکل سے ملتی ہے اس لئے وہ بھی کم ہی ایک دوسرے سے ملتی تھیں لیکن اکثر دونوں ساتھ شاپنگ مال جاتیں۔یا پارک چلی جاتیں۔فوزی اپنے شوہر کا بہت خیال رکھتیں۔کہ وہ صبح کے نکلے شام میں گھر داخل ہوتے۔اور اب تو اکثر ایسا ہوتا کہ وہ رات میں کب گھر آتے انہیں پتہ ہی نہ چلتا۔اور وہ صبح شرمندگی کا اظہار کرتیں کہ انہیں جگا کیوں نہیں لیا۔مگر وہ ٹال مٹول کر جاتے۔جب یہ سارا دن تنہا بے کار رہنے کا شکوہ کرتیں تو وہ کہتے کہ کوئی نوکری کر لے یہاں تو سب ہی کام کرتے ہیں۔اور انہوں نے ایک ایسی جگہ جاب حاصل کر لی جہاں اُن کی ہی جیسی خواتین کام کرتی تھیں۔یعنی نہ انگلش کی مصیبت تھی اور نہ ہی کپڑوں کا جھنجھٹ تھا۔وہ اپنا لباس شلوار قمیض اور دوپٹہ اوڑھ کر آرام سے جاتیں ،گو یہاں محنتانہ بہت کم تھا مگر جوہ خوش تھیں کہ تنہائی بھی ختم ہوئی اور پیسے بھی ملنے لگے۔چھوٹا فلیٹ ہونے کی وجہ سے بچے اب بہت کم آتے۔
کچھ ماہ ہی گزرے تھے کہ ایک دن اُن کے شوہر سارا دن گھر پر رہے۔وہ واپس آئیں تو انہوں نے دیکھا کہ اُن کے شوہر اپنا سارا سامان باندھے بیٹھے ہیں۔یہ بڑی حیران ہوئیں سمجھیں کہ بیٹی کے پاس کیلگری جانا ہے۔
کہنے لگیں کیا بات ہے کیا کیلگری جانا ہے ؟ جو اتنا سامان باندھ بیٹھے ہو۔انہوں نے انتہائی سرد لہجے میں کہا۔میں دوسری شادی کر رہا ہوں۔اب اُسی کے ساتھ رہوں گا۔یہاں دو بیویاں نہیں رکھ سکتے اس لئے تم کو چھوڑ دوں گا۔
اتنا اچانک حملہ تھا کہ فوزی کی گھگی بندھ گئی۔وہ پیروں پڑ گئیں ’’ اُو رَب کا واسطہ ایسا نہ کرو۔میں یہاں پردیس میں کیسے اکیلی رہوں گی۔یہ تم کیا کرنے لگے ہو اس عمر میں مجھے یہ کیا داغ دینے لگے ہو۔تمہارے ساتھ چھتیس سال گزارے ہیں یہ کیا کرتے ہو ایسا مذاق نہ کرو۔انہوں نے ہاتھ جوڑے۔۔‘‘
وہ پتھر لہجے میں بولے میں مذاق نہیں کر رہا میں اب تیرے ساتھ نہیں رہ سکتا۔مجھے وہ عورت پسند آ گئی ہے۔وہ بیوہ ہے اب میں اُس کے ساتھ رہوں گا۔
اللہ کا واسطہ ہے مجھے اس عمر میں خوار نہ کرو تمہیں اُس کے ساتھ رہنا ہے رہ لو مگر مجھے یہ داغ نہ دو۔میں کبھی شکوہ بھی نہ کروں گی۔میرے گلے میں اس عمر میں یہ طوق نہ ڈالو کیا منہ دکھاؤں گی بچوں کو دنیا کو کیا وجہ بتاؤں گی۔کچھ تو سوچو۔‘‘
وہ تڑپنے لگیں بلبلانے لگیں۔لیکن ان کے شوہر نے ایک نہ سنی اور کہہ دیا کہ وہ فیصلہ کر چکا ہے۔اور وہ اپنا سامان اُٹھا کر گھر سے نکل گیا۔
وہ حیران رہ گئیں کیسا مرد ہے ایک عورت کو سہارا دینے ایک عورت کا سہارا چھین کر جا رہا ہے اور وہ بھی اس کا جس نے ساری جوانی ساتھ گزار دی۔ہر قدم پر ساتھ دیا۔مشکل سے مشکل وقت میں دیوار بن کر کھڑی رہی۔
وہ ساری رات روتی رہی ،تڑپتی رہی اور بخار میں بھنتی رہی۔جب وہ دو دن تک نظر نہ آئی تو اُن کی دوست خیریت معلوم کرنے آئی۔
بڑی مشکل سے فوزی دروازے تک آئی اُس نے دروازہ کھولا۔
کیا بات ہے ‘‘
’’طبیعت بہت خراب ہے اور میرے شوہر بھی کچھ دن کے لئے باہر گئے ہوئے ہیں ‘‘ اُس نے دروازے کا سہارا لیا۔
’’چلو میں تمہیں والک ان کلینک لے چلتی ہوں تم تیار ہو میں گھر پر بتا کر آتی ہوں ‘‘
’’نہیں نہیں میں ٹھیک ہو جاؤں گی تم پریشان نہ ہو ‘‘ اُس نے ٹالنا چاہا ،لیکن جس طرح وہ آنسو پونچھ رہی تھی بار بار اُس نے مجھے پریشان کیا لیکن اُس کی انا کو ٹھیس پہنچا نا مناسب نہ سمجھا۔لیکن ضد کر کے اُسے ڈاکٹر کے پاس لے گئی۔میں نے اُسے اُس کے فلیٹ پر چھوڑا اور گھر سے کھانا لینے چلی گئی۔میں نے اُسے بہت زبردستی تھوڑا سا کھانا کھلا یا ایسا لگ رہا تھا کہ ہر لقمہ اُس کے گلے میں اٹک رہا ہے۔میں نے کہا اپنی بیٹی کو بلا لو ‘‘۔ مگر وہ تیار نہ ہوئی اُس نے ٹال دیا کہ بیٹی بلا وجہ پریشان ہو گی۔‘‘
دوسرے دن میں پھر اُس کے گھر گئی اُس کی حالت نے مجھے پریشان کیا۔اُس کی آنکھیں سوجی ہوئی تھیں۔میں نے زبردستی اُسے کھانا کھلایا اور اُس کے کچن ہی میں چائے بنائی۔
میں نے اُس سے کہا اگر برا نہ مانو تو مجھے بتاؤ کیا بات ہے میں تمہاری دوست ہوں۔کسی سے کچھ نہ کہوں گی۔تمہارا دُکھ میرا دُکھ ہے۔اور یہاں کون کوئی اپنا بیٹھا ہے۔ہم خود ہی اپنے ہیں ‘‘۔
اور جیسے دریا کا بند ٹوٹ گیا ،وہ اتنا روئی اتنا روئی کہ ہلکان ہو گئی۔میں نے اُسے چُپ بھی نہیں کرایا کہ اُس کا دُکھ بہہ جائے۔جب وہ ذرا سکون سے ہوئی تو میں نے اُس سے کہا اب بتاؤ کیا بات ہے۔اُس نے مجھے یہ ساری بات بتائی۔میرے پاس اُسے تسلّی دینے کے لئے الفاظ نہیں تھے۔میں نے اُسے صبر کی تلقین کی اور اُس سے کہا کہ اپنے بچوں کو بتا دے۔
اُس نے کہا نہیں شاید اُسے احساس ہو وہ واپس آ جائے۔مگر یہ اُس کی خوش فہمی رہی۔اُس نے اپنے بچوں کو بتایا۔بیٹی نے چاہا کہ وہ اُس کے ساتھ رہے مگر اُس نے یہ بات گوارہ نہ کی۔اور اکیلی ہی رہنا پسند کیا۔اُسے اپنی جاب سے اتنا مل جاتا کہ فلیٹ کا کرایہ اور اُس کا خرچ نکل آتا۔
جب کبھی مجھے اُس کے شوہر پر غصہ آتا اگر میں اُسے کچھ کہنے لگوں ’’کہ اُسے جب مزہ آئے گا جب اُسے یہ عورت چھوڑ دے گی ،تو وہ میرے منہ پر ہاتھ رکھ دیتی ہے کہتی ہے نہ نہ ایسا نہ کہو ،یہ دُکھ بہت برا ہے جس پر گزرے وہ ہی جانتا ہے ،دیکھو نہ ایک عورت ہی تو تھی جس نے ایک عورت سے ہی اُس کا سہارا چھین لیا۔اُس کا کیا قصور۔وہ کہتی میری تو دعا ہے کہ نہ کسی عورت پر یہ وقت آئے نہ کسی مرد پر یہ وقت آئے کہ وہ اس اذیت سے گزرے اور وہ بھی پر دیس میں جہاں یہ اور بھی سوہانِ روح ہو جاتا ہے۔جہاں دور دور اپنے لوگ نظر نہیں آتے۔وہ کہتی مگر تمہارے جیسے فرشتے ہر جگہ مو جود ہوتے ہیں جو سہارہ بن جاتے ہیں۔اللہ اپنے بندوں کا خیال ہر جگہ رکھتا ہے ورنہ نہ میں ان فلیٹوں میں آتی اور نہ تم جیسی دوست ملتی جو کم از کم میرا دُکھ تو سُن لیتی ہے۔‘‘
’[اُس نے کہا ایسے موقعوں پر ہمیں اپنے مذہب اپنے ملک کا بہت خیال آتا ہے تمہیں پتہ ہے جب میرے چا چا نے دوسری شادی کی تو چاچی نے انہیں اجازت دے دی اور اسلام اور مذہب کے قانون کے مطابق وہ دونوں چا چا کے نکاح میں مرتے دم تک رہیں۔اور اسی طرح میرے ایک جاننے والے نے بھی اولاد کے خاطر دوسری شادی کی لیکن پہلی کو در بدر نہیں کیا اور انہیں ساتھ رکھا۔یہ وہ باتیں ہیں جن کی قدر ہم بالکل نہیں کرتے۔ہمارے اللہ نے ہمیں بہت آسانیاں دی ہیں طریقے بتائے ہیں کہ اُسی کی تخلیق ہیں اور وہ ہماری رَگ رَگ سے واقف ہے۔‘‘
میں اتنی ششدر اور حیران تھی کہ میری زبان گنگ ہو گئی۔اُدھر سے آواز آئی تم سُن رہی ہو ‘‘
’’جی ہاں ‘‘۔ بس یہ ہی کہانی تھی ،اگر تلاش کرو گی تو اس سے بھی زیادہ دُکھی اور تکلیف سے خاموشی کے ساتھ گُزرتے لوگ تمہیں ملیں گے ،مگر ہم تو اتنے مصروف ہیں کہ ان کی طرف توجہ دینے کی ہمیں فرصت ہی نہیں ہے ،ہمارے تو اپنے مسائل اتنے ہیں کہ ہم ادھر اُدھر دیکھنا ہی نہیں چاہتے۔تمہارا بہت بہت شکریہ میں نے تمہارا بہت وقت لے لیا اب میں تمہیں کبھی فون نہیں کروں گی تم بھی میرا نمبر اپنے پاس سے مٹا دینا۔اللہ تمہیں خوش رکھے۔
میرا کان فون کی گرمی سے گرم ہو چکا تھا ،اور آنسو روکنے سے حلق دُکھ رہا تھا۔میرے منہ سے کچھ بھی نہ نکلا۔اور وہ بھی فون رکھ چکی تھیں۔
میں نے سوچا واقعی ہم بہت ساری باتوں سے صرفِ نظر کرتے ہیں۔کاش ہم ایسے زخمی لوگوں کے زخموں کا مداوا بن سکیں ،چاہے کچھ گھنٹوں ہی کے لئے صحیح کہ کبھی کبھی ایک میٹھا جملہ بہت بڑے بڑے زخموں کو بھر دیتا ہے۔اور اُس دن میرے حلق سے ایک لقمہ بھی نہ اُترا۔اور وہ خاتون بھی میری نظروں میں پھر تی رہیں جو ایک دُکھی بوڑھی خاتون کا دُکھ بانٹتی تھیں۔اور اُس کی ساتھی تھیں۔یہ پہلی کہانی تھی جو میں نے بغیر کوئی سوال کئے سُنی کہ سوال کی گنجائش ہی نہ تھی۔مجھے لگ رہا تھا میرے سارے الفاظ گُڈ مُڈ ہو گئے ہیں۔اس لئے خاموشی ہی مناسب تھی۔
میرے دل سے دعا نکلی کہ اس عذاب سے کوئی عورت کوئی مرد نہ گزرے اور خاص کر اِس عمر میں جب انسان کو سہاروں کی بے حد ضرورت ہوتی ہے۔اور یہ دُکھ تو ایسا ہے جو عورت کو زندگی ہی میں موت کا مزہ چکھا دیتا ہے۔کبھی اس کا سبب وہ خود ہوتی ہے کبھی دوسری عورت۔کبھی اُس کی سرکشی اُسے یہ وقت دکھاتی ہے تو کبھی بُزدلی۔کبھی مجبوری اُس کے آڑے آتی ہے تو کبھی مصلحت۔اور موردِ الزام بھی وہ ہی ٹحہرائی جاتی ہے۔کسی کا سہارا چھین لے جب اور اُس کا سہارا چھن جائے جب۔میں نے اپنے آنسو پونچھے اور سامنے لکھا فون نمبر پھاڑ کر پھینک دیا کہ کبھی کبھی وعدے توڑنے کو دل نہیں چاہتا۔
٭٭٭
کریڈٹ
آآآآنٹی آپ پاکستان سے ہیں ؟ایک پیاری سی آواز نے میری توجہ اپنی طرف مبزول کرا لی۔میں نے مڑ کر دیکھا ایک نوجوان خاتون ایک بچے کا ہاتھ پکڑے مجھ سے مخاطب تھی۔جی ہا ں میں پاکستانی ہوں ،وہ بہت خوش ہوئی،لوگ تو بہت سے ایسا لگتا ہے پاکستانی ہیں لیکن میری ابھی یہاں کسی سے بھی دوستی نہیں ہوئی ہے صرف میرے شوہر کے ایک دوست ہیں اور ان کی بیوی مگر وہ لوگ ہمارے گھر سے کافی فاصلے پر ہیں اس لئے ملاقات بہت کم ہوتی ہے۔آپ کس ایریا میں ہیں ، میں نے پوچھا ، اور مجھے خوشی ہوئی کہ وہ ہمارے گھر سے زیادہ دور نہیں تھی یہ ہی کوئی سات آٹھ منٹ کی والک پر تھی اس نے بتایا کہ وہ ایک بیسمنٹ میں رہتی ہے میں نے اسے اپنا فون نمبر دیا اور اس کا نمبر لے کر پھر ملنے کا وعدہ کر کے اس سے رخصت ہو ئی۔
مجھے ملنے جلنے کا بہت شوق تھا لیکن میں ڈرائیو نہیں کرتی تھی یہ کمزوری میری شروع ہی سے تھی حالانکہ میں نے پاکستان میں ڈرائیونگ سیکھی تھی مگر میں اتنی ڈرپوک تھی کہ کبھی اکیلے کار نہ چلا سکی اور پھر ماشاءاللہ شوہر لانے لے جانے کے شوقین رہے پھر ماشاءاللہ بچے جوان ہو گئے
اور مجھے خود ڈرائیونگ کی ضرورت نہ رہی اور میرا خوف اور پکا ہو گیا۔جب نارتھ امریکہ آئی تو اپنی اس کمزوری کو شدت سے محسوس کیا لیکن اب بہت مشکل تھا کہ میں ڈرائیو کروں دوسرے یہاں کار رکھنا بھی انشورنس اور دوسرے خرچوں کی وجہ سے ہاتھی پالنے کے برابر ہے لیکن بغیر کار کے گزارہ بھی نہیں ہے اب حال یہ کہ جب بچے فارغ ہوں تو اپنے کام کرتی اس وقت مجھے اپنے اوپر بہت غصہ آتا لیکن مجبوری تھی۔
جتنے جاننے والے تھے وہ میری ہمت بڑھاتے کہ یہاں تو آپ سے بھی زیادہ عمر کی خواتین کار چلاتی ہیں آپ اپنا ڈر ختم کریں مگر کچھ ڈر ایسے ہوتے ہیں جو عمر کے ساتھ بڑھتے ہیں کم نہیں ہوتے اور شاید میرا یہ خوف بڑھ رہا تھا کم نہیں ہو رہا تھا۔
خیر نورین جو مجھے مال میں ملی تھی مجھ سے فون پر بات کرتی اس سے پتہ چلا کہ اسے یہاں آ کر ابھی صرف چھ ماہ ہوئے ہیں اور یہ کہ ابھی وہ لوگ سیٹ ہو ہے ہیں اس نے یہ بھی بتایا کہ اس کے شوہر کافی پریشان ہیں کیونکہ ان کی ایجو کیشن کو یہاں ایکسیپٹ نہیں کیا جا رہا اور وہ چھوٹی جابز کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔میں اسے تسلی دیتی کہ آہستہ آہستہ سب ٹھیک ہو جائے گا پریشان مت ہو،میری باتوں سے اس کی ہمت بڑھ جاتی مجھے ایسا ہی لگتا تھا ،وہ مجھ سے کہتی آپ سے بات کر کے ایسا لگتا ہے کہ اپنا کوئی اتنے انجانوں کے بیچ ہے اور اس وقت وہ مجھے بھی بہت اپنی اپنی سی لگتی،
میں نے نورین کا ذکر گھر میں کیا میرے شوہر ہمیشہ نئے آنے والوں کی مدد کے لئے تیار رہتے،مگر اکثر ایسا ہوتا کہ کچھ لوگ انگلی پکڑتے پکڑتے پہنچے کی طرف بڑھتے اور یہ بات ہم لوگوں کے لئے پریشانی کا باعث بن جاتی لہذا ذرا سنبھل کر ملنا جلنا رکھنا پڑتا جو ہماری طبیعت کے خلاف تھا مگر بعض اوقات حالات اپنی طبیعت کے خلاف چلنے پر بھی مجبور کرتے ہیں ،اور یہ ہی وجہ تھی کہ ہم نے سوچا کہ اس ہفتے ان لوگوں کو کھانے پر بلا لیں تا کہ پتہ چل سکے کہ ہم لوگ ان کی کیا مدد کر سکتے ہیں اور کس حد تک ،اس لئے میں نے نورین سے کہا کہ وہ اس ہفتے ڈنر ہمارے ساتھ کرے اور اسے اپنا ایڈرس بتایا ،اس نے کہا وہ اپنے شوہر سے کہے گی اور اس نے آنے کا وعدہ بھی کیا۔
آج ہفتہ تھا نورین ا ور اس کا شوہر اشعر اپنے بیٹے اظہر کے ساتھ آئے ،نورین کا شوہر اشعر بھی سلجھا ہوا نو جوان تھا بہت اچھی طبیعت کا مالک تھا اس نے بتایا کہ وہ ایم۔بی۔بی۔ایس ڈاکٹر ہے اور پاکستان میں ایک ہاسپٹل میں جاب کر رہا تھا اس کے بھائی اور ایک بہن امریکہ میں تھے اس نے نارتھ امریکہ کے لئے اپلائی کیا تاکہ وہ بھی ان لوگوں کے قریب ہو جائے اور اپنا مستقبل بھی سنوار سکے جب اس کا امیگرہشن ہو گیا تو یہ بہت خوش تھا کیونکہ پاکستان کے حالات بھی خراب ہو رہے تھے اور اس نے سوچا مناسب یہ ہی ہے کہ یہ موقعہ ہاتھ سے نہ جانے دے حالانکہ وہ پاکستان میں اچھی تنخواہ لے رہا تھا اور بقول اس کے عزت بھی بہت تھی ،گھر ان کے والد کا تھا جو ان کی وصیت کے مطابق ان تینوں بہن بھائیوں کا تھا ان سب کی آپس کی انڈر اسٹینڈنگ یہ تھی کہ جب تک کوئی ایک بھائی بہن بھی پاکستان میں رہے گا وہ گھر استعمال کرے گا ورنہ اس کو بیچ کر سب کا حصہ دے دیا جائے گا۔ جب اشعر نے یہاں آنے کا فیصلہ کیا تو گھر بیچ کر سب کو اس کا حصہ دے دیا گیا اور وہ ہی پیسہ لے کر اشعر یہاں آیا جو بقول اس کے یہاں کے لئے اونٹ کے منہ میں زیرہ ثابت ہوا ،اشعر نے یہاں آ کر جب جاب کے لئے اپلائی کیا تو پتہ چلا اسے یہاں میڈیکل کا کورس کرنا پڑے گا کیونکہ نارتھ امریکہ میں دوسری جگہ کی ایجوکیشن نہیں مانی جاتی اس کورس کی تکمیل کے بعد ہی وہ کوئی میڈیکل جاب کر سکتا تھا ، اشعر بہت پریشان ہوا کیونکہ اس کے پاس اتنے فنڈز نہیں تھے فیس بہت زیادہ تھی اور اس کے سامنے پہلے گھر کے اخراجات کرایہ اور کار وغیرہ کا خرچہ تھا لہذا اس کا ایک دوست جو پہلے سے یہاں پر تھا اشعر نے اس سے رابطہ کیا اس نے مشورہ دیا کہ فیالوقت اپنا خرچہ پورا کرنے کے لئے جہاں بھی جاب ملے کر لو تاکہ تم پریشان نہ ہو۔اشعر نے بتایا کہ وہ یہاں ایک جگہ کام کر رہا ہے تا کہ وہ اپنا خرچہ اٹھا سکے اور یہ کہتے ہوئے اس کی حالت ہم سے چھپی نہ تھی ،نورین کی آنکھیں بھی نم تھیں اسے دکھ تھا کہ اس کا شوہر ڈاکٹر ہوتے ہوئے بھیا یک ایسی جاب کرنے پر مجبور تھا جو وہ پاکستان میں سوچ بھی نہ سکتی تھی۔’بھئی یہاں آ کر تو سب کو ہی ایسی مشکلوں سے گزرنا پڑا ہے جو وہاں ہمارے وہم و گمان میں بھی نہ تھیں ،تم لوگ پریشان مت ہو سب ٹھیک ہو جائے گا‘۔میں نے ماحول کو ہلکا کرنے کے لئے کہا،بھئی تم لوگوں کا جب دل چاہے یہاں آ سکتے ہو بس ایک فون کر دینا ،ہم جو کچھ تمہارے لئے کر سکے ضرور کریں گے۔ان لوگوں نے بہت شکریہ ادا کیا اور رخصت ہوئے۔
انکے جانے کے بعد ہم لوگ کافی دیر تک نارتھ امریکہ آنے والوں کی پریشانیوں کے بارے میں بات کرتے رہے ،اور اس بات پر دکھی بھی رہے کہ بہت سے لوگ یہاں آ کر انتہائی ذہنی اذیت سے دو چار ہوتے ہیں جو انہیں اکثر بہت توڑ دیتی ہے۔سب سے زیادہ دکھ کی بات جب ہوتی ہے جب جو تعلیم انتہائی محنت سے حاصل کی گئی تھی وہ کام نہیں آتی اور آنے والوں کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے الٹی سیدھی یا شاید ایسی نوکریاں کرنی پڑتی ہیں جو وہ اپنے ملک میں شاید تصور بھی نہیں کر سکتے ،قصور وار ہم سب ہیں یہاں سے جانے والے بھی اور وہاں سے بغیر صحیح معلومات کئے آنے والے بھی ،ہمارے ملکوں میں زیادہ تر لوگ اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ یہاں بہت آسانی سے کمایا جا سکتا ہے جبکہ یہ ہمارے لوگوں کے لئے آسان نہیں ہے کیونکہ ہمارا ماحول وہ نہیں ہے جو یہاں کا ہے ،یہاں اسکول سے ہی بچوں کو جاب کی تربیت دی جاتی ہے۔
کافی دن بعد نورین سے فون پر بات ہوئی تو اس نے کہا آنٹی اشعر اور اظہر کے جانے کے بعد اتنا وقت گھر پر تنہا ہوتی ہوں میرا دل چاہتا ہے کہ میں بھی کچھ کام کر لوں مگر اشعر تیار نہیں ہوتے ان کا کہنا ہے کہ تمہیں اسٹورز وغیرہ پر جاب ملے گی جو میں پسند نہیں کرتا ،اگر کوئی اچھی جاب ہو تو ٹھیک ہے پھر اظہر ڈھائی بجے گھر آ جاتا ہے اس کا کیا ہو گا اس لئے وہ اس حق میں نہیں تھا کہ نورین کوئی جاب کرے۔
میں نے کہا اشعر کی بات غلط تو نہیں ہے ،تمہارا بچہ ہے جو تمہاری توجہ کا مستحق ہے اس لئے کو ئی ایسی راہ سو چو جو تم کام بھی کر لو اور پریشانی بھی نہ ہو ،نورین کے مالک مکان اچھے لوگ تھے سیکھ تھے اور ان دونوں کا خیال رکھتے تھے ان کی بیٹیاں اور بیٹے بھی تھے جو پڑھ بھی رہے تھے اور جاب بھی کر رہے تھے ، میں نے نورین سے کہا کہ ان لڑکیوں سے پوچھے اگر کوئی کام وغیرہ مل جائے لیکن نورین وضعدار لڑکی تھی ان سے اس قسم کی بات کرنے کو تیار نہ ہوئی۔
میری یہاں جن لوگوں سے ملاقات تھی وہ لوگ کچھ تو رئیلٹر کا کام کرتے تھے کچھ اپنا بزنس کرتے تھے کچھ اسکول میں پڑھاتے تھے مگر اس کے لئے بھی یہاں کی ایجوکیشن کی ضرورت تھی مگر میں بھی کیونکہ کسی کی نجی باتوں میں دخل دینا پسند نہ کرتی تھی اس لئے زیادہ معلومات نہ تھیں پھر بھی میں نے کچھ لوگوں سے بغیر نورین کے بارے میں بتائے معلومات کیں کہ اگر کوئی گھر پر رہ کر کام کرنا چاہے تو کیا کام کر سکتا ہے ؟ایک خاتون کی بات میرے دل کو لگی انہوں نے بتایا کہ جب وہ یہاں آئیں تو انہیں بھی اپنے شوہر کی مدد کے لئے کام کرنا پڑا تو انہوں نے آفٹر اسکول کچھ بچوں کو رکھا اور اس طرح ان کو خاصی مدد مل گئی مجھے یہ بات پسند آئی اور میں اطمینان سے ہو گئی کہ نورین کو بتاؤں گی۔
اتفاق سے دوسرے ہی دن نورین کا فون آیا کہ اشعر کہہ رہے ہیں کہ رات میں کچھ نہ پکائیں میں پزہ لے کر آ رہا ہوں ہمیں ان کی اپنائیت اچھی لگی اور میں نے اسے خوش آمدید کہا رات میں وہ لوگ آئے ہم لوگوں نے عادت سے مجبور پزہ میں ڈلے چیز کے بارے میں پوچھا اور اشعر نے بغیر برا مانے اطمینان دلایا کہ پزہ پوری طرح سے ویجیٹیرین ہے انہوں نے بتایا کہ وہ بھی اس معاملے میں کافی کانشس ہیں ،اسی دوران باتوں باتوں میں اشعر نے بتایا کہ اس نے ایک اور پارٹ ٹائم جاب کر لی ہے اس سے اس کو تھوڑی اور سہولت مل جائے گی۔
اشعر نے کہا :اگر مجھے وہاں پتہ چلتا کہ یہاں آ کر مجھے یہ پریشانی اٹھانی پڑے گی تو میں کبھی ملک سے اس وقت تک نہ نکلتا جب تک اتنا سرمایہ جمع نہ کر لیتا جو مجھے یہاں ان جابز کے کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑتا۔ یا یہ کہ میں یہاں آ کر اپنے شعبے میں ایجوکیشن حاصل کر سکتا بغیر کسی پریشانی کے ،میں نے اسے یہ کہہ کر تسلی دی کہ انسان کی قسمت میں جہاں جہاں کا رزق لکھا ہو اسے وہاں ہی جانا ہوتا ہے۔وہ میری بات سن کر تھوڑا سا ریلیکس ہو گیا ،ہاں آ نٹی یہ تو آپ نے میری امی عالی بات کر دی وہ بھی یہ ہی کہتی تھیں کہ جس کے نصیب میں جو جو ہوتا ہے اسے وہاں پہنچنا ہوتا ہے میں نے اس سے پوچھا تمہیں وہاں اس بارے میں کچھ پتہ نہیں تھا کہ تمہیں یہاں پھر پڑھائی کرنا پڑے گی ؟اشعر نے کہا آنٹی انہوں نے تو یہ کہا تھا کہ اپ ڈیٹ کرنا پڑے گا مگر تمہیں جاتے ہی جاب مل جائے گی ایسی جنت دکھائی تھی کہ مجھے کوئی پریشانی نہ ہو گی ،
یہ بات اکثر لوگ بتاتے ہیں کہ وہاں انفارمیشن صحیح نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے لوگ یہاں آ کر پریشانی اٹھاتے ہیں اور کیونکہ سب کشتیاں جلا کر آتے ہیں اس لئے اور بھی مشکل ہوتی ہے نورین نے کہا یہ بات بالکل تھیک ہے اگر وہاں معلومات ٹھیک ہوں تو کم از کم آنے والے ان حالات کے لئے دماغی طور پر تیار تو ہو سکتے ہیں پھر یہاں ٹیکس ہے انشورنس ہے ظاہر ہے اس سب کے لئے پیسہ تو چاہئے۔اشعر نے کہا مگر ایک بات بڑی عجیب لگی میں اپنے ساتھ کام کرنے والے جتنے لو گوں کے گھرگیا تو حیران ہوں کہ وہ اپنی آمدنی میں یہ سب کیسے کر سکتے ہیں ؟بچوں اور ان کے ابو نے بات میں حصہ لیتے ہوئے کہا بھئی یہاں پر کریڈٹ سسٹم ہے سب کریڈٹ پر چلتا ہے آپ سب کچھ لے سکتے ہیں اور پھر ادائے گی کرتے رہئے۔اشعر نے کہا مگر انکل میں نے تو کبھی قرض نہیں لیا اور نہ ہی میں یہ پسند کرتا ہوں میرا یہ خیال ہے کہ جتنی چادر ہو اتنے پیر پھیلانے چاہئیں ،بات تو تمہاری ٹھیک ہے لیکن یہاں تو اس کے بغیر گزارہ ہی نہیں ہے ،’’آنٹی مجھے تو قرضہ لیتے ہوئے بہت ڈر لگتا ہے کیسے اتار سکیں گے قرضہ جب ہینڈ ٹو ماؤتھ چل رہے ہوں ،ارے بھائی آہستہ آہستہ سب ٹھیک ہو جائے گا‘‘
میں نے نورین کو آفٹر اسکول بچے رکھنے کے بارے میں بتایا وہ خوش ہوئی کہ اس طرح وہ اشعر کا تھوڑا ساتھ دے سکے گی ، کہیں مالک مکان تو اعتراض نہیں کریں گے؟ نورین نے مجھ سے پوچھا۔ میرا خیال ہے کہ یہاں سب لوگ ایک دوسرے کی اتنی مدد کے لئے تو تیار رہتے ہیں ،تم ان سے معلوم کر لینا۔ ہلکی پھلکی باتوں میں وقت گزر گیا اور وہ لوگ رخصت ہو گئے۔
ان چھ سات مہینوں میں ہم لوگ کافی قریب آ گئے اور یہ چھوٹی سی فیملی ہماری فیملی کے ساتھ گھل مل گئی جس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ اشعر اور نورین بہت مخلص اور اچھے تھے اور میرے بیٹے اور بہو بھی ان سے خوش تھے کیونکہ وہ بلا وجہ پریشان کرنے والے اور دوسروں کے معاملات میں دخل دینے والے نہیں تھے۔اکثر اگر کبھی نورین کو ضرورت ہوتی ہو ہم لوگ اظہر کو اپنے پاس رکھ لیتے۔ آہستہ آہستہ یہ لوگ سیٹ ہونے لگے اشعر نے کچھ پارٹ ٹائم جابز بھی کر لیں اور نورین نے دو بچوں کو آفٹر اسکول رکھنا شروع کر دیا ہم لوگ خوش تھے کہ ایک فیملی سیٹ ہونا شروع ہو گئی تھی گو اشعر اپنی تعلیم کے لئے ہمیشہ زہر اگلتا کہ ایک ڈاکٹر ہو کر وہ کیا کر رہا ہے۔
آج یہ لوگ پھر ہماری طرف آئے تھے اشعر نے خوشخبری سنا ئی کہ وہ گھر خریدنا چاہتا ہے کیونکہ بقول اس کے،میں نیے ،انکل کی بات پر عمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ایک ایسا گھر لوں گا جس میں بیسمنٹ ہو اس کو کرائے پر دے کر تھوڑی مدد ہو جائے گی اور بقول انکل میرا مارٹگیج بھی ادا ہوتا رہے گا ہم سب ہی خوش ہوئے اور انہوں نے اس کی ہر طرح مدد کا وعدہ کیا مگر ہم نے ایک شرط رکھی کہ وہ قریب ہی میں گھر لے تاکہ ملنا جلنا ہوتا رہے اس نے کہا اس کے لئے تو آپ ہی کو دعا کرنی ہو گی ، دیکھیں آنٹی یہ کام بھی انہوں نے آپ کے اوپر چھوڑ دیا ، نورین نے اشعر کو چھیڑا۔بھئی میں تو وہ ہی کر رہا ہوں جو آسان ہے۔ہم سب ہنسنے لگے اور وہ خوش خوش واپس چلے گئے
گھر کی تلاش اور پھر تمام مراحل سے گزرتے گزرتے مہینوں لگ گئے اور آخر کار وہ ایک گھر خریدنے میں کامیاب ہوئے جس دن گھر اشعر کے نام ہوا اشعر نے کہا دیکھا میں نے کریڈٹ پر جینا سیکھ لیا اور یہ کہتے ہوئے وہ انتہائی افسردہ تھا آج میں نے اپنے والد کے بتائے ہوئے اس اصول کو توڑ دیا کہ قرض کبھی نہ لینا اور اپنی چادر دیکھ کر پیر پھیلانا۔ میں نے کہا بھئی بات یہ ہے کہ جیسا دیس ویسا بھیس اگر ایسا نہیں کرو گے تو زندگی مشکل ہو جائے گی ،اچھا یہ بتاؤ گھر کب تک سیٹ کر لو گے تاکہ ہم مبارکباد دینے آئیں ،جی ہاں آنٹی بہت جلد بس ایک ماہ دے دیں کریڈٹ زندہ باد بہت جلد سب کر لوں گا ، اشعر اپنی جون میں واپس آ گیا۔
آج ہم سب اشعر کے گھر جا رہے تھے۔اس نے ڈور پر ہمارا استقبال کیا اندر قدم رکھتے ہی جس چیز نے ہماری توجہ اپنی طرف کھینچ لی وہ ایک بیحد خوبصورت بہت بڑا سنہری فریم تھا جو دروازہ کھولتے ہی اپنی طرف توجہ کھینچ لیتا تھا اس میں اشعر کی میڈیکل کی انلارج کی ہوئی ڈگری لگی تھی اشعر نے کہا آنٹی حیران مت ہوں یہ فریم بھی کریڈٹ پر ہے اور ہم سب نہ معلوم دل سے یا بے دلی سے بے اختیار ہنس پڑے ،اور میں نے سوچا کیسے بھی چلو ایک اور گھر سیٹ ہو گیا۔
٭٭٭
قسمت کا لکھا
وہ بہت سادگی سے دُلھن بنائی گئی تھی۔میں نے اُسے گھر میں ہی دُلھن بنایا تھا۔شادی میں بہت کم لوگ شریک تھے۔کیونکہ شادی بہت سادگی سے ہو رہی تھی۔میں اس کے برابر ہی بیٹھی تھی وہ بار بار بے ہوش ہو رہی تھی۔اس کی آنکھیں سوجی ہوئی تھیں۔وہ رو رہی تھی تڑپ رہی تھی اور میرے آنسو بھی رُک نہیں رہے تھے۔مگر میں اُسے دلاسہ دے رہی تھی سمجھا رہی تھی تسلی دے رہی تھی اور ساتھ ہی ساتھ اُسے نصیحت بھی کر رہی تھی کہ سنبھلے۔اپنا خیال رکھے۔ہوتا وہ ہی ہے جو قسمت میں لکھ دیا گیا ہے۔مگر وہ کسی صورت خود پر قابو نہیں پا رہی تھی۔اور پاتی بھی کیسے کہ بعض حادثے انسان کو ایسا بکھیر دیتے ہیں کہ خود کو سمیٹنا بہت مشکل بلکہ ناممکن سا ہو جاتا ہے اور وہ بھی ایسے ہی ایک حادثے سے گزری تھی۔
اس کا اور ہمارا گھر برابر برابر تھا بلکہ کبھی کبھی تو ایک دوسرے کی دیوار سے جھانک کر بھی بات کر لیتے تھے۔اس کی امی اور میری امّی ایک دوسرے کی پکائی ڈشز کا تبادلہ بھی اسی دیوار سے کر لیتی تھیں۔ہم بہت اچھے پڑوسی تھی بلکہ میرا خیال ہے کہ رشتے داروں سے بھی بڑھ کر تھے۔
گھر والے بھی ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے تھے۔مگر ہم لڑکیاں ایک دوسرے کے بہت قریب تھے بہت اچھی سہیلیاں تھے۔ہماری کوئی بات ایسی نہ تھی جو ہم ایک دوسرے سے چھپاتے ہوں۔وہ تین بہنیں تھیں بھائی کوئی نہیں تھا۔ہم دو بہنیں اور دو بھائی تھے۔مگر میری دوسری بہن کیونکہ مجھ سے نو سال چھوٹی تھی اس لئے میری اُن تینوں سے بہت دوستی تھی۔خاص طور پر بڑی بہن علیمہ سے۔کیونکہ وہ میری ہم عمر تھی شاید کچھ ماہ بڑی ہو گی۔اُس کے والدین کو لڑکے کی بڑی خواہش تھی اور یہ بہنیں بھی ایک بھائی کی کمی بہت محسوس کرتی تھیں۔
علیمہ ہمیشہ ہنستے ہوئے کہتی میں میں ایسے گھر میں شادی کروں گی جہاں کم از کم میرا ایک دیور ضرور ہو۔تاکہ میں اُس پر بہن کا سارا پیار لُٹا سکوں۔
میں ہنس کر پوچھتی۔کیوں بھائی جیٹھ کیوں نہیں ،؟وہ کہتی بھئی جیٹھ سے تو احترام کا رشتہ ہوتا ہے بزرگوں والا کہ وہ بڑے ہیں نہ ہنسی کر سکو نہ مذاق۔وہ لطف نہیں آئے گا جو چھوٹا بھائی ملنے سے آئے گا۔وہ بھی مذاق کرے گا اور میں بھی بھائیوں کی طرح اس کا خیال رکھوں گی۔میں نے امی سے بھی کہا ہے۔ وہ ہنستی ،تمہیں پتہ ہے باقی دونوں نے امی سے کہا ہے کہ انہیں بس شادی کرنی ہے ،وہاں چاہے جیٹھ ہو یا دیور ،یا صرف ساس سسر۔وہ خوب ہنسی میں بھی اس کی ہنسی میں شامل ہو گئی۔
میری شادی ہو گئی دو بچے بھی ہو گئے۔مگر علیمہ کی کسی بھی بہن کی شادی نہ ہوئی۔اب اُس کی عمر اتنی ہو گئی تھی کہ اس کی ماں پریشان تھیں جس کا اظہار اکثر وہ امی اور مجھ سے کیا کرتیں۔پھر اللہ اللہ کر کے اُس کی منجھلی بہن کا رشتہ آیا لڑکا ایک اسکول ٹیچر تھا وہ سب خوش تھے اور اسی شادی نے علیمہ کی بھی قسمت کھولی اور اس کا بھی رشتہ آیا۔گھر میں ساس سسر کے علاوہ ایک دیور جو اِس کا ہم عمر تھا اور ایک نند تھی جو اس سے چھوٹی تھی ،علیمہ اتنی خوش تھی کہ اس کے پیر زمین پر نہیں ٹِک رہے تھے۔ہر کام بڑی خوش اسلوبی سے طے پا رہا تھا۔دونوں بہنوں نے تیاری میں دن رات ایک کیا ہوا تھا۔علیمہ کی خوشی اُس کی ہر ادا سے عیاں تھی اُس کا ہونے والا شوہر کسی لیبارٹری میں کام کرتا تھا۔اچھا خاصہ کھاتا پیتا گھرانہ تھا۔ساس سسر سیدھے سادھے تھے نند تھوڑی نَک چَڑھی تھی۔مگر بقول علیمہ کے ’’میری دونوں کم ہیں کیا ؟‘‘ اور وہ زندگی سے بھر پور قہقہہ لگاتی۔غرضیکہ بے حد خوشی تھی دونوں طرف۔اُس کے والد بھی کوئی کسر نہ چھوڑنا چاہتے تھے اپنی بیٹی علیمہ کی شادی میں۔وہ اپنی بساط سے بڑھ کر سب کچھ کر رہے تھے۔
علیمہ کی ضِد پر میں بھی امّی کے پاس ایک ہفتے کے لئے آ گئی تھی۔میرے شوہر بھی ساتھ تھے کیونکہ انہیں میرے بغیر گھر میں اکیلے رہنا پسند نہیں تھا۔اس لئے میں اپنے ہفتے بھر کے ساز و سامان کے ساتھ امّی کے پاس آ گئی تھی۔امّی ابو،اور سب گھر والے میرے آنے سے خوش تھے۔کہ چلو اپنی سہیلی ہی کے بہانے تم کم از کم ہفتہ بھر کے لئے رہنے تو آئیں ‘‘
علیمہ کی بہنوں نے تین دن تک ڈھولکی رکھی اور خوب شور ہنگامے میں علیمہ ہنسی خوشی اپنی سسرال سدھاری۔
علیمہ بہت خوش تھی ،اُس کا شوہر سلیم اُس کا بہت خیال رکھتا تھا۔ساس سسر بھی محبت کرتے تھے۔بلکہ اس کے مطابق ساس تو اسے بیٹی کی طرح رکھتی تھیں۔ہر بات میں مشورہ کرتیں۔اور دیور تو اس کا ناک میں دم رکھتا،نند کبھی کبھی پریشان کرتی۔مگر وہ اسے چھوٹی بہن سمجھ کر کبھی نہ اس سے لڑتی نہ اس کی شکایت کرتی۔وہ بھی شادی کی عمر میں تھی۔شاید اسی لئے کچھ چڑ چڑی سی ہو گئی تھی۔دوسرے ماں کی محبت بھی بٹ گئی تھی اس لئے بھی کبھی کبھار وہ بھا بی کے ساتھ زیادتی کر جاتی اور ماں سے بھی لڑ بیٹھتی۔۔
ہاں بس آپ کو تو بھابی مل گئی اب آپ کو میرا خیال نہیں رہا۔‘‘وہ ہنس کر کہتیں بھئی تم تو اپنے گھر چلی جاؤگی ،مجھے تو اسی کے ساتھ گزارا کرنا ہے ‘‘، اور اس کی نند پیر پٹختی کمرے میں چلی جاتی۔
پھر ایک دفعہ اتفاق سے علیمہ سے بڑے عرصے بعد ملاقات ہوئی اُس نے بتایا کہ اس کی نند کی بھی شادی ہو رہی ہے اور وہ خود بھی امید سے ہے۔مجھے دونوں باتیں سن کر بہت خوشے ہوئی۔میں نے اس کی خوشیاں قائم رہنے کی دعا کی۔اُس نے بتایا کہ اس کی ساس اسے بہت چاہتی ہیں۔اس لئے وہ نند کی شادی اس کی ڈیلوری کے بعد کرنا چاہتی ہیں۔لیکن علیمہ نے انہیں ضد کر کے منا لیا کہ وہ اتنا انتظار نہ کریں بلکہ اپنے فرض سے جلد از جلد سبکدوش ہو جائیں۔وہ بتا تی کہ اس کا دیور اس کا بھائی ہی نہیں بلکہ بہت اچھا دوست بھی ہے وہ اسے بھائیوں کی طرح چاہتی ہے اور کبھی کبھی تو سلیم کی شکایت بھی ہشیم سے کر دیتی ہے دونوں دیور بھا بی میں انتہا ئی پاکیزہ رشتہ تھا وہ بھی بھاوج کا بہت احترام کرتا تھا۔لیکن اُسے ستانے سے نہ چوکتا تھا بلکہ آج کل تو اس نے علیمہ کا ناک میں دم کر رکھا تھا۔ہر وقت چھیڑتا کہ بھئی جلدی کریں مجھے چچا بننا ہے۔مجھے اپنا بھتیجا اپنی گود میں چاہئے۔ اور وہ شرم سے سرخ ہو جاتی۔ہشیم کو امی سے ڈانٹ پڑتی کہ کیوں ستا تے ہو۔اس کے فارغ ہوتے ہی تمہارا بندو بست بھی کرتی ہوں۔اور وہ دوستوں کے پاس باہر چلا جاتا۔
اُسے اللہ نے بیٹا دیا۔مارے خوشی کے دونوں گھرانے بے قابو تھے۔میں بھی مبارکباد دینے گئی۔سب کی خوشی دیکھ کر بہت اچھا لگا۔اور میں نے محسوس کیا کہ علیمہ کی وہ کمی بھی پوری ہو گئی جو اس کی زندگی میں تھی۔یعنی وہ ایک بیٹے کی ماں بن گئی جس کا اس کی ماں کو خطرہ تھا کہ عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے کبھی کوئی مشکل نہ ہو کیونکہ بقول ان کے آج کل تعلیم نے لڑکیوں کو اس عمر میں شادی سے دور کر رکھا ہے جس میں ان کے مان بننے کے موقعے زیادہ ہوتے ہیں۔اور دوسرے گھر میں رچ بس جانا بھی مشکل نہیں ہوتا۔اُن کا خیال تھا کہ لڑکیوں کی بڑی عمر ان دونوں باتوں میں حائل ہو رہی ہے۔مجھے لگتا تھا کہ ان کی بات میں کہیں نہ کہیں حقیقت ضرور ہے۔لیکن زیادہ تر لوگ اس بات کی مخالفت کرتے نظر آتے ہیں۔
رمضان ختم ہوا۔چاند رات تھی علیمہ کی نند بھی آئی ہوئی تھی سب لوگوں نے عید بازار جانے کی ضد کی۔یہ لوگ سارے مل کر عید بازار گئے۔اُس کا شوہر ،دیور نند اور نندوئی۔اس کے بیٹے کو ساس نے اپنے پاس رکھا تھا تاکہ یہ لوگ جلدی واپس آ جائیں۔دونوں نند بھاوج مہندی لگوانے چلی گئیں اور وہ تینوں باہر انتظار کرنے لگے وہ دونوں مہندی لگوا کر باہر آ رہی تھیں کہ ایک دم شور ہوا کہ ایک پجارو میں بیٹھے کچھ لڑکوں نے گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھا دی ،اور اُس پر کھڑے کچھ لوگ اس کی ضد میں آ گئے۔دونوں نند بھاوج انتہائی گھبراہٹ میں باہر کی طرف بھاگیں پتہ چلا کہ ایک شخص شدید زخمی ہے اسے اسپتال لے جا رہے ہیں بہت رش ہو گیا تھا سامنے سے ہشیم بھاگتا ہوا آتا نظر آیا اُس نے کہا کہ ‘‘آپ دونوں جلدی سے رکشہ لے کر گھر جائیں۔ہم اس آدمی کو دیکھ کر آتے ہیں جو زخمی ہے علیمہ نے پوچھا تمہارے بھائی کہاں ہیں۔اُس نے بھاگتے ہوئے جواب دیا آپ لوگ گھر جائیں میں دیکھتا ہوں ‘‘
ان دونوں کا حال برا تھا علیمہ مستقل کہہ رہی تھی کہ نہ معلوم کس کے گھر کا چراغ گُل ہو گیا ‘‘پتہ نہیں کون ہو گا جو اس حادثے کی نظر ہو گیا۔دونوں گھر واپس آ گئیں۔اُس کی ساس بیحد پریشان سی تھیں انہیں دیکھتے ہی کہنے لگیں نہ معلوم کیوں آدھے گھنٹے سے میرا دل بہت گھبرا رہا تھا اللہ کا شکر تم لوگ واپس آ گئے وہ تینوں کہاں ہیں ؟ انہوں نے مختصر بتایا کہ حادثہ ہو گیا تھا۔وہ لوگ آتے ہوں گے ،نہ معلوم کیوں اس کی ساس کو قرار نہیں تھا انہیں دیکھ کر اس کا دل بھی گھبرا رہا تھا۔۔کافی دیر ہو گئی اُسے غصہ آ رہا تھا اب نند بھی رونے لگی تھی اسے بھی گھبراہٹ ہو رہی تھی کیونکہ اس کا شوہر موبائل نہیں اُٹھا رہا تھا۔کم از کم خیریت تو بتائیں۔ہر طرف عید کی چہل پہل تھی سارے محلے میں رونق تھی۔
اُس نے اپنے ہاتھ ہوئے اور حیران رہ گئی کہ ذرا سی دیر میں مہندی کا اتنا زبردست رنگ اس کے ہاتھ پر چڑھا کہ وہ اپنے ہاتھ دیکھتی رہ گئی۔اور دل میں اُبھر نے والے خدشات مہندی کا رنگ دیکھ کر کہیں دفن ہو گئے۔
دو گھنٹے گزر گئے وہ سارے پریشان تھے کہ فون کی گھنٹی بجی۔اس کے سسر نے فون اُٹھایا اور پھر وہ قیامت خیز خبر پورے محلے میں پھیل گئی کہ حادثے کا شکار ہونے والا شخص سلیم تھا۔پھر وہ قیامت ٹوٹی جو ہمیشہ ایسے حادثات کے بعد پیچھے رہ جانے والوں پر ٹوٹتی ہے۔وہ رو رہی تھی اور رگڑ رگڑ کر اپنے ہاتھ دھو رہی تھی مگر مہندی اس کے ہاتھوں پر مو جود تھی۔
میں اس کی عدت کے زمانے میں اکثر اس کے پاس گئی۔اس کی ساس۔اس کے سسر ،اس کا دیور ہر طرح اس کا خیال رکھ رہے تھے۔وہ بالکل گُم سُم ہو گئی تھی ،اس کا بیٹا اپنے چچا سے بہت مانوس تھا اور ہر وقت اس کے ساتھ ہی لگا رہتا تھا۔
آج اُس کی عدت پوری ہو گئی تھی اور وہ اپنی مان کے گھر جا رہی تھی۔وہ بالکل بے سدھ تھی لگتا ہی نہ تھا کہ یہ وہ ہی علیمہ ہے۔اس کی ساس اس کے جانے سے بہت افسردہ تھیں وہ رو رہی تھیں اس کے سسر بھی بالکل خاموش تھے۔دیور اپنے کمرے میں تھا۔اس نے اپنا سوٹ کیس رکھوایا اور اپنے ماں باپ کے ساتھ کار میں بیٹھ گئی۔ہم سب ہی رو رہے تھے مگر اس کی آنکھیں خشک تھیں۔
اور پھر کچھ ماہ بعد امّی نے مجھے ایسی خبر سنائی کہ میں خود بھی عجیب سی کیفیت کا شکار ہو گئی مگر دوسرے ہی لمحے اپنے خیال کو جھٹک کر ان کی بات سننے لگی۔علیمہ کی شادی اس کے دیور سے ہو رہی تھی۔امّی نے بتا یا کہ سلیم کے امّی ابّو اپنے پوتے کے غم میں بیمار ہو گئے تھے۔وہ علیمہ اور نعیم سے دور نہیں رہ سکتے تھے۔وہ اسے بہت یاد کرتے تھے۔سلیم کے نا نا حیات تھے انہوں نے اپنی بیٹی اور داماد کو سمجھا یا کہ اگر تم اپنی بہو اور پوتے سے الگ نہیں رہ سکتے تو اپنے دوسرے بیٹے سے اس کی شادی کر دو یہ بات ہشیم کے لئے بھی سوہانِ روح تھی کہ وہ بھاوج جسے وہ بھا بی کا درجہ دیتا تھا جو اسے ایک دوست کی طرح چاہتی تھی اُسے اس روپ میں کیسے اپنائے۔مگر اس کے سامنے اپنے بھائی کا چہرہ آ جاتا جیسے وہ اپنے بیٹے کے لئے اس سے حفاظت مانگ رہا ہو۔ہشیم دو دن تک اپنے کمرے مین بند رہا اسے اپنے بھتیجے کے مستقبل کا خیال آیا۔اس نے سوچا کیوں نہ میں ہی اپنے بھتیجے کے مستقبل کا سہا را بن جاؤں۔مگر علیمہ پر کیا گزر رہی تھی اس کا اسے بالکل پتہ نہ تھا۔علیمہ کی والدہ نے کہا اگر تم دل سے اس رشتے پر آمادہ نہ ہو تو میں تمہیں مجبور نہیں کروں گی۔مگر اپنے بچے کے بارے مین ضرور سوچ لو۔انہوں نے سب کچھ علیمہ پر چھوڑ دیا۔
وہ ہفتہ علیمہ کے لئے قیامت سے کم نہیں تھا۔اس نے سوچ لیا تھا کہ وہ تنہا زندگی گزار لے گی اور اپنے بچے کو پال لے گی۔مگر نعیم اپنے چچا کو بہت یاد کرتا وہ آ جاتا تو اس کی گود سے نہیں اُترتا تھا۔وہ بڑی مشکل سے اسے سلا کر پھر گھر جاتا تھا۔یہ بات علیمہ کو بھی پتہ تھی کہ اس کا بیٹا اپنے چچا سے بہت ہلا ہوا ہے۔۔ماں باپ نے ایک دفعہ پھر اسے زمانے کی اونچ نیچ سمجھائی اسے بتایا کہ تنہا زندگی گزارنا اور بچے کی ذمہ داری اُٹھانا اس کے بس کی بات نہیں ہو گی وہ دونوں خود بھی اس حادثے کی وجہ سے اپنی عمر سے کہیں آگے نکل گئے تھے۔پھر علیمہ کو سمجھانے کے لئے مجھ سے بھی کہا گیا لیکن میں نے معذرت کر لی کیونکہ مجھے علم تھا کہ علیمہ کے دل میں اپنے دیور کے لئے کیا جگہ تھی۔جسے اس رشتے میں بدلنا واقعی تکلیف دہ تھا۔
مگر جب حالات آڑے آتے ہیں تو انسان کو بہت سے ایسے فیصلے کرنے پڑتے ہیں جو اسے اندر سے کہیں بے حد توڑ پھوڑ دیتے ہیں۔اور آج میں علیمہ کے پاس تھی وہ بار بار بے ہوش ہو رہی تھی تڑپ رہی تھی۔رو رہی تھی۔ میں نے اسے ڈانٹا۔پھر سنبھالا ‘‘ ذرا سو چو تو تمہارے بیٹے کے مستقبل کی بات ہے۔ پھر تمہارے ساس سسر تم سے اتنی محبت کرتے ہیں۔میں نے پوچھا کیا تم نے ہشیم سے بات کی ‘‘
اس نے مجھے بتا یا کہ ہشیم نے فون کیا تھا اور اس سے کہا تھا کہ اگر وہ اس رشتے پر تیار نہیں تو تو کھل کر انکار کر دے۔‘‘
مگر ماں باپ کے سمجھانے پر وہ یہ ہمت نہ کر سکی۔اس نے یہ بھی سوچا کہ اس کا بیٹا ہشیم سے بہت محبت کرتا ہے اس لئے وہ اس کی محبت بھی نہیں چھیننا چاہتی تھی۔
بس پھر اب سنبھلو اور اپنی نئی زندگی کے لئے دعا کرو۔اپنے بیٹے کی طرف دیکھو اور خود کو سنبھالو۔میں نے سمجھا یا۔اُس نے آنکھیں پونچھ لیں۔قاضی صاحب آ رہے تھے اور علیمہ کا نکاح ہو گیا وہ اسی گھر میں پھر جا رہی تھی مگر ایک رشتہ بدل چکا تھا۔اس کی ساس نے انتہا ئی سکون کے ساتھ اسے اپنے سینے سے لگا لیا اور یہ ہی وہ وقت تھا جب علیمہ کے دل کا سارا دکھ اور غبار اس کے آنسوؤں میں بہہ گیا۔وہ کار میں بیٹھ رہی تھی اور اس منزل کی طرف رواں تھی جہاں ایک رشتہ بدلا تھا مگر دل نہیں بدلے تھے ان میں وہ ہی چاہت اور وہ ہی محبت تھی اور شاید یہ ہی قسمت کا لکھا تھا۔جو ہر صورت پورا ہوتا ہے۔
٭٭٭
سہارا
زلزلہ اتنا شدید تھا کہ پوری زمین ہل گئی تھی اُسے ایسا لگا کہ قیامت آ گئی۔اُس کی آنکھ کھلی اُس پر بہت وزن تھا اُس کی سمجھ میں نہ آیا کہ وہ کہاں ہے۔اُسے بے شمار چیخیں سنائی دے رہی تھیں۔اس کی آواز نہیں نکل رہی تھی اتنی گڑگڑاہٹ تھی کہ مارے خوف کے اُس کا سانس رُکنے لگا۔اُسے احساس ہوا کہ اس کا گھر گر چکا ہے اور وہ اسی کے نیچے دبا ہوا ہے۔جیسے ہی ذرا سا حواس میں آیا اس نے پوری طاقت سے قریب لیٹی بیوی اور بیٹی کو آواز دی۔مگر کوئی جواب نہ ملا بیوی تو رات اس کے برابر ہی سوئی تھی درمیان میں بیٹی تھی اُس نے اپنا ہاتھ اُٹھایا اور ٹٹولا اس کا ہاتھ کسی چپچپی چیز سے بھر گیا اُس نے پوری طاقت سے اپنے اوپر پڑا پتھر ہٹایا اس کی ایک ٹانگ میں شدید ٹیس اُٹھی اُس نے اپنے آپ کو گھسیٹا اور باہر نکلا مٹی اور خاک کا طوفان سا تھا اس قدر شور تھا لوگ چیخ رہے تھے بھاگ رہے تھے کدھر یہ کسی کو پتہ نہ تھا۔باہر اندھیرا تھا وہ بے اختیار دیوانہ وار بیوی اور بیٹی کو اندھیرے میں ٹٹول رہا تھا۔ پھر اسے اپنی بیوی خون میں لت پت نظر آئی اس کے سر پر بہت بڑا پتھر گر گیا تھا جس نے اُسے زندگی سے آزاد کر دیا تھا۔وہ بے تحاشہ چیخا بیٹی کو آوازیں دیں۔کچھ نظر نہیں آ رہا تھا باہر اتنی چیخیں اور شور تھا کہ اس کی آواز دبی جا رہی تھی اُس نے بیوی کے برابر سوئی بیٹی کو محسوس کیا اور ایک اور مردہ ننھا جسم اس کے ہاتھوں سے ٹکرا گیا اس کی بیٹی بھی زندگی سے ناطہ توڑ چکی تھی۔وہ پاگل سا ہو گیا کیسی قیامت تھی سب کچھ ختم ہو گیا تھا۔وہ بڑی مشکل سے گھسٹتا ہوا باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔تاکہ کچھ نظر آ سکے۔
تھوڑی سی تگ و دو کے بعد وہ باہر آنے میں کامیاب ہو گیا یہاں اتنی آہ و بُکا تھی کہ الامان سارا محلہ زمین بوس تھا۔اُسے قرآنِ پاک کی آیتیں یاد آ رہی تھیں جن کو وہ پڑھتا تھا معنی بھی پڑھتا تھا وہ بالکل سُن ہو گیا اس کا رواں رواں توبہ کرنے لگا وہ اپنی ہر غلطی پر ہر قصور پر لرزہ بر اندام تھا اس وقت اسے نہ بیوی یاد رہی نہ بیٹی بس وہ اپنے اللہ کے حضور لرز لرز کر اپنی مغفرت مانگ رہا تھا ابھی اسی کیفیت میں تھا کہ کچھ لوگ چیخے اس جگہ سے جلدی بھاگو کبھی زلزلہ واپس پلٹے تو اور تباہی ہو گی ،وہ بھی سب کے ساتھ بے تحاشہ بھاگنے لگا ٹانگ میں سخت ٹیس اُٹھی۔مگر اس نے پرواہ نہیں کی۔مگر فوراََ ہی بیوی اور بیٹی کی چاہ نے اسے روک لیا وہ ٹھٹک گیا کیا پتہ زندہ ہوں وہ واپس دوڑا کسی نے اسے سختی سے پکڑ لیا۔
وہ چیخا میری بیوی اور بیٹی دبی ہوئی ہیں۔وہ روہانسا ہو گیا
بھائی اس وقت یہاں سے نکلو تھوڑی دیر میں دیکھنا۔اور وہ پھر آگے کی طرف بھاگنے لگے۔ہر کوئی بھاگ رہا تھا گھروں سے دور ہو رہا تھا کہ کہیں وہ ان پر گر نہ جائیں۔
اس کا دماغ مستقل کام کر رہا تھا وہ حیران تھا کہ یہ گھر جو ہم اتنی محنت سے بناتے ہیں جن کی محبت ہماری زندگی کا سارا عرق نچوڑ لیتی ہے۔آج وہ ہی گھر ہمارے قاتل ہو گئے کہ ہم ان سے دور بھاگ رہے ہیں کہیں ہم پر گر نہ جائیں ہماری جان نہ لے لیں۔وہ وحشتناک طریقے پر بھاگنے لگا۔اللہ سے پناہ مانگنے لگا۔
شاید آدھا گھنٹہ گذرا تھا اسے لگا صدیاں گزر گئیں
سارا راستہ ٹوٹے گھروں اور ملبے کا ڈھیر تھا۔اس کا پورا محلہ زمین بوس تھا کچھ خوش قسمت جو زندہ نکل آئے تھے اپنے پیاروں کے لئے رو رہے تھے۔ان کی چیخیں اور آہیں آسمان کو بھی ہلا رہی تھیں۔اب سب کچھ سکون سے تھا مگر۔لوگوں کے چہرے خوف سے بدل گئے تھے ،وہ مخبوط الحواس سے تھے۔
کچھ لوگ ایک دوسرے کی مدد کر رہے تھے۔اسے کوئی شناسا نظر نہ آ رہا تھا۔وہ پھر اپنے گھر کی طرف چلا صبح کی روشنی پھیلنے لگی تھی اس کی ٹانگ سے خون نکل رہا تھا اور ا سے چکر سا آ رہا تھا۔اس کے آنسو رواں تھے۔وہ ملبے میں اپنا گھر تلاش کر رہا تھا کیونکہ مٹی کے ڈھیر نے سب ایک جیسا کر دیا تھا۔تفریق مٹ گئی تھی اور لوگ بھی دیوانہ وار اپنے گھروں کے ملبے میں اپنے پیاروں کو ڈھونڈھ رہے تھے چیخ چیخ کر آوازیں دے رہے تھے کوئی کسی کو نہیں پہچان رہا تھا۔نفس نفسی کا عالم تھا۔امدادی ٹیمیں بھی پہنچ گئی تھیں ہر طرف کہرام تھا لاشیں تھیں اور لوگوں کی آہ و بُکا تھی۔وہ اپنے گھر کے ملبے کے سامنے کھڑا تھا۔
اس کا گھر بہت چھوٹا سا تھا دو چھوٹے چھوٹے کمرے ذرا سا صحن یہ آزاد کشمیر تھا پہاڑی علاقہ وہ گھر تک پہنچا۔پھر اس نے وہاں سے بیوی اور بیٹی کی لاش نکال کر اُن لاشوں میں شامل کر دی جو لوگ نکال رہے تھے۔وہ بھی سب کے ساتھ امدادی کاموں میں لگ گیا۔وہ تنہا رہ گیا تھا۔سب ختم تھا کچھ بھی باقی نہ بچا تھا وہ سُن ہو گیا تھا۔اس کی آنکھیں مستقل برس رہی تھیں بیوی اور بیٹی کے غم میں۔
پھر وہ ہی سب کچھ ہو رہا تھا امدادی کام۔خیمے بستیاں۔زخمی بیمار بھوکے تنہا۔کچھ بچوں کے غم میں پاگل کچھ ماں باپ کے غم میں۔وہ سوچ رہا تھا قیامت کیسی ہو گی۔اسے تیز بخار ہو گیا تھا۔وہاں موجود ڈاکٹروں نے اسے دوائیں دیں اس کی ٹانگ کی مرہم پٹّی کی۔اور نہ معلوم کب وہ نیند کی آغوش میں چلا گیا پتھریلی زمین نے اسے ماں کی گود کی طرح سلا لیا۔وہ بہت گہری نیند سویا۔
اس کی آنکھ کھلی تو اس کی سمجھ میں کچھ نہ آیا بہت لوگ تھے وہ حیران سا کچھ یاد کرنے کی کوشش کرنے لگا اس نے اپنی بیوی کو آواز دی پھر بیٹی کو پکارا۔لیکن اچانک اسے احساس ہوا کہ یہاں تو بہت سے لوگ ہیں۔ایک دم اسے سب یاد آ گیا اور اس کی آنکھیں پھر بہنے لگیں۔اس نے ہمت کی چاروں طرف دیکھا کوئی شناسا چہرہ نہ تھا۔نہ معلوم اس کے محلے کے لوگ کدھر چلے گئے تھے۔یا سارے ہی خدانخواستہ اس نے اپنی سوچ کو جھٹکا۔
وہ اپنے گھر کی طرف چلا اس کا گھر آدھے سے زیادہ مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا تھا چھت گر گئی تھی لیکن اس کی دوکان کا حصہ زیادہ نہیں ٹوٹا تھا۔اس نے ہمت کی اور امدادی ٹیموں کے ساتھ کام کرنے لگا۔پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے بڑی دقتیں اور مشکلات پیش آ رہی تھیں۔لیکن خدا ترس لوگ تن من سے مدد کرنے میں لگے تھے۔مدد بھی کر رہے تھے تسلیاں بھی دے رہے تھے اور حوصلہ بھی بڑھا رہے تھے۔جو لوگ باقی رہ گئے تھے وہ صبر کی اس منزل سے گزر رہے تھے جو اللہ ہی اپنے بندوں کو عطا کرتا ہے ورنہ ایسے حادثات میں صبر کی قوت بھی کبھی کبھی ساتھ چھوڑ جاتی ہے لوگ بڑے حوصلے سے اپنی تباہی برداشت کر رہے تھے۔
اس کے علاقے میں لو گوں نے اپنے گھروں کو پھر سے ٹھیک کرنا شروع کر دیا تھا۔اس کے علاقے میں زیادہ تر کچے گھر تھے اس لئے یہاں تباہی نسبتاً کم ہوئی تھی مگر جانی نقصان بہت ہوا تھا اسے جب بیوی اور بیٹی یاد آتی تو اس کا دل دنیا سے بے زار ہو جاتا کیونکہ اس کی کُل متاع اس کی بیوی اور بیٹی تھی۔اپنا خاندان وہ مقبوضہ کشمیر میں کھو چکا تھا اور بچتا بچاتا آزاد کشمیر آ گیا تھا یہاں سکون سے تھا شادی بھی کر لی تھی۔اپنی دوکان چلاتا تھا گزارہ اچھا ہو جاتا تھا۔دوکان اس نے گھر ہی میں بنائی ہوئی تھی۔جو لوگ بچ گئے تھے وہ زیادہ تر زخمی تھے۔جو ٹھیک تھے وہ اپنی مدد آپ کے تحت کام کر رہے تھے۔سب دُکھی تھے سب سے زیادہ غم اپنے پیاروں کے کھونے کا تھا۔کہ وہ رشتے ملنا مشکل ہو جاتا ہے ،ماں باپ بھائی بہن بیٹی بیٹا یہ کمی کبھی پوری نہیں ہوتی۔اس جان لیوا اچانک آفت سے کوئی بھی سنبھل نہ پایا تھا۔
وہ آہستہ آہستہ اپنا گھر ٹھیک کر رہا تھا۔اور دوکان بھی وہ رات کو کیمپ میں چلا جاتا صبح پھر آ جاتا۔۔تباہی اتنی تھی کہ لگتا ہی نہ تھا کہ یہ وہ ہی محلہ ہے جو آباد تھا تو سارا دن رونق سے بھرا رہتا تھا اسکول جاتے بچے کام کرتے بڑے۔ٹھیلے والے۔شربت والے پھل والے سارا دن آوازیں لگاتے کچھ نہ کچھ بیچتے۔بچوں کی رونق جب وہ اسکول سے آنے کے بعد فُٹ بال کھلتے ،کر کٹ کھیلتے ،ہاکی کھیلتے۔ مائیں کام کے لئے آوازیں دیتیں اور وہ ابھی آیا کہہ کر پھر کھیل میں لگ جاتے اور آخر کار بے صبری ہو کر ایک آدھی ماں باہر نکل آتی اور کان سے پکڑ کر گھسیٹتی ہوئی کسی نہ کسی بچے کو گھر لے جاتی اور وہ دوکان پر کھڑا یہ تماشہ دیکھا کرتا اس کی بیٹی ابھی چھوٹی تھی۔اسکول سے آ کر برابر کے گھر میں رہنے والی شاندانہ کے ساتھ کھیلتی وہ اس کی سہیلی تھی۔
اسے سب خواب سا لگ رہا تھا اس کے محلے کے بہت کم لوگ واپس ہوئے تھے۔اسکے پڑوسی سرخاب کا کچھ پتہ نہ تھا اسے سب سرخا کہتے تھے۔اس کی تین بیٹیاں تھیں ماں تھی بیوی تھی اس کا گھر محلے میں سب سے بڑا اور مضبوط تھا لیکن اب ایک ڈھیر تھا۔لگتا تھا کہ اس کے نیچے دبنے والوں میں شاید ہی کوئی بچا ہو۔
اس نے ایک امدادی ورکر کے ساتھ سرخا کو آتے دیکھا وہ تیزی سے اس کی طرف لپکا لیکن سرخا نے اسے نہیں پہچانا است شدید دھچکا لگا۔
اس کے ساتھ جو آدمی تھا اس نے پوچھا۔آپ اسے جانتے ہیں ؟
ہاں یہ اس برابر والے گھر میں رہتا تھا۔ نعمت خان نے جواب دیا َ۔ لیکن آپ اسے کہاں لے جا رہے ہیں ؟اس نے پوچھا
ہم آج اس کو لے کر ڈھونڈھنے نکل تھے شاید کوئی اس کو پہچان لے اور بتا دے کہ یہ کہاں رہتا تھا ؟ آپ کا شکریہ آپ نے ہماری مدد کی۔
نعمت خان نے بے صبری سے پوچھا اور اس کے گھر کے باقی لوگ ،وہ کدھر ہیں ؟
اس کی صرف ایک بیٹی بچی ہے باقی سب لوگ ختم ہو گئے اس کے دماغ پر اثر ہو گیا ہے یہ کسی کو نہیں پہچانتا اپنی بیٹی کو بھی نہیں ،وہ رو رو کر ابا ابّا پکارتی ہے مگر یہ بالکل جواب نہیں دیتا۔اس آدمی نے جواب دیا
صاحب مجھ کو دکھاؤ کون سی والی بچی ہے نعمت خان نے بے تابانہ پوچھا۔
چلو ہمارے ساتھ چلو۔
نعمت خان نے سرخا کو بہت پکارا بہت آوازیں دیں مگر اس کی آنکھوں میں کوئی پہچان کوئی شناسائی کی رمق نہ تھی۔وہ بالکل بے حس اور بے نور سی آنکھوں سے اسے دیکھ کر سر جھکا لیتا۔یہاں تک کہ اپنے نام پر بھی نہ چونکتا نہ جواب دیتا۔
نعمت خان ایک کیمپ میں اس آدمی کے ساتھ پہنچا جو کافی دور بنا ہوا تھا وہاں کافی لوگ تھے۔جنہیں وہ پہچانتا تھا۔سب اسے دیکھ کر بھی خوش ہوئے اور اس کی بیوی اور بیٹی کے مرنے پر دکھی بھی ہوئے۔اتنے میں سرخا کی چھوٹی بیٹی سرخا کے پاس آ گئی۔
با با گھر لے چلو ماں کے پاس لے چلو۔ سر خا بے حس تھا۔ اچانک بچی نے نعمت کو دیکھا اور اس سے لپٹ گئی۔
چا چا مجھے گھر لے چلو۔ماں اور بہنوں کے پاس دادی کے پاس۔با با کچھ نہیں بولتا۔ نہ گھر لے جاتا ہے۔مجھے گھر جانا ہے۔وہ بری طرح رونے لگی اور نعمت بھی دل کھول کر رویا ہر آنکھ اشکبار تھی کہ سب ایسی ہی اذیت میں مبتلا تھے۔
اس نے بے تا با نہ شاندانہ کو گود میں اُٹھا لیا۔کہنے لگا ہاں میں تجھے لے جاؤں گا۔ پر بیٹا نہ اب ماں ہے نہ بہنیں اور نہ ہی دادی اور اب تو شاید تیرا باپ بھی کسی قابل نہیں رہا۔وہ بے اختیار رو رہا تھا۔دھاڑیں مار رہا تھا سرخا حیران اسے دیکھ رہا تھا۔وہاں موجود لوگوں نے اسے تسلی دی ،اس کا دل کچھ ہلکا ہوا۔
اس نے کہا صاحب اگر آپ اجازت دیں تو اس بچی کو اور سرخا کو میں اپنے ساتھ رکھ لوں میں ان کا بہت خیال رکھوں گا۔یہ میرا پڑوسی بھی تھا اور میرا دوست بھی۔ نعمت خان نے منت کی۔
انہوں نے اس کے جذبے کو سراہا۔مگر سُرخا کو علاج کی ضرورت ہے شاید صدمے سے نکل آئے۔تم اس کی بیٹی کو لے جا سکتے ہو مگر کچھ ضروری اقدامات کے بعد۔والنٹیئر نے جواب دیا۔
وہ تیار ہو گیا۔اس کے ساتھ ایک کیمپ میں گیا جہاں کچھ رینجرز فوجی اور والنٹئیر تھے جو زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے آئے ہوئے تھے۔
وہاں کے ایک بڑے عہدے دار نے اس سے پوچھا کہ بغیر کسی خاتون کے تم اس بچی کو کیسے رکھ سکو گے َ ؟
ایک باپ کی طرح۔اس نے بے صبری سے کہا ، صاحب میری بیٹی بھی اتنی ہی بڑی تھی اسی کی عمر کی تھی۔اور اس کی سہیلی بھی تھی۔نعمت نے کہا
میری بیٹی مر گئی میں اسے جان سے زیادہ عزیز رکھوں گا اور اس کے آنسو بہنے لگے۔
شاندانہ اس سے لپٹ گئی اور رونے لگی چا چا مجھے لے چلو۔ماں کے پاس۔دادی کے پاس۔
نعمت خان نے جلدی سے اپنے آنسو پونچھے اور شاندانہ کو گلے لگا لیا۔ہاں بیٹی میں تجھے لے چلوں گا۔
شاندانہ نے معصومیت سے کہا با با کو بھی۔نعمت نے کہا ہاں با با کو بھی۔وہ سکون سے ہو گئی لیکن وہاں موجود ہر آنکھ نم تھی جو ان ٹوٹے ہوئے لوگوں کے ساتھ تھی مگر مجبور تھی۔
اُن لوگوں نے کچھ مشورے کئے اور اسے فیصلہ سنا یا۔ کیونکہ تمھارے گھر میں کوئی عورت نہیں ہے اس کی دیکھ بھال کے لئے اس لئے یہ زمہ داری ہم تمہیں نہیں دے سکتے۔
وہ حیران ہو گیا صاحب یہ کیسا انصاف ہے میں تیار ہوں اس بچی کو لے جانے کے لئے۔صاحب میں اسے اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز رکھوں گا۔صاحب نہ معلوم اس بچی کا کیا حشر ہو گا۔صاحب اس بچی کا باپ دماغی مریض بن گیا ہے صاحب خدا را یہ بچی مجھے دے دو۔وہ گڑ گڑایا لیکن ان لوگوں نے منع کر دیا۔وہ روتا ہوا شاندانہ کو کیمپ میں چھوڑ کر باہر نکلا۔شاندانہ رو رہی تھی چا چا مجھے بھی لے چلو۔
وہ باہر نکلا پھر نہ جانے کیا ہوا کہ اس کے کانوں میں وہ ساری باتیں گونجیں جہاں ایسے بچوں کو جن کا کوئی نہیں ہوتا یتیم خانوں میں دے دیا جاتا ہے یا۔۔۔اس نے بہت بری بری باتیں سن رکی تھیں وہ بہت خوفزدہ تھا ہر اس بچے کے لئے جو تنہا رہ گیا تھا۔اس نے ایسے حادثات کے بعد بہت سے واقعات سُن رکھے تھے جنہیں وہ تصور میں نہیں لانا چاہتا تھا۔اور پھر اچانک اس کے سامنے ایک روشن کرن چمکی۔اور اس نے ایک بہت مضبوط فیصلہ کر لیا وہ اُلٹے قدموں واپس کیمپ میں گیا اُن صاحب سے ملا۔
کہنے لگا۔صاحب کوئی ایسی عورت کیمپ میں ہے جو تنہا رہ گئی ہو۔لا وارث ہو۔میں اس سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔نعمت خان نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کہا۔
وہاں موجود لوگ حیران ہوئے ایک نے کہا۔یہاں مصیبت ٹوٹی ہوئی ہے تم یہ باتیں کر رہے ہو۔
نہیں صاحب میں شاندانہ کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا ،وہ میرے پڑوسی کی بیٹی ہے میری بیٹی ہے ،میں اس کے لئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوں۔تاکہ جب میرا دوست ٹھیک ہو تو میں سرخرو ہو جاؤں۔صاحب مجھے لگ رہا ہے میری گل شانہ اکیلی رہ گئی ہے۔اس کی آنکھیں پھر بھر آئیں۔
اچھا اچھا ،وہاں مو جود ایک فوجی نے اس کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا تم کل واپس آؤ ہم دیکھیں گے کہ کیا کر سکتے ہیں۔لیکن وہ شاندانہ کی وجہ سے کیمپ میں رہا اور وہ اس کا ہاتھ پکڑے پکڑے آرام سے سو گئی۔
اب وہ روز کیمپ آتا۔اور شاندانہ سے وعدہ کرتا کہ گھر ٹھیک ہو جائے تو اسے لے جائے گا۔وہ خوش ہو جاتی
سرخا سر جھکائے بیٹھا تھا ڈاکٹر اسے دیکھ رہا تھا۔لیکن وہ بالکل بے حس تھا نعمت اسے بات کرنے پر بہت اُکساتا اسے رُلانے کی کوشش کرتا مگر وہ خالی خالی آنکھوں سے اسے دیکھتا اور بس ،نعمت نے وہاں موجود لوگوں سے کہا ،اللہ فرماتا ہے کہ جب تم سے کوئی نعمت لے لی جائے تو کہو اللہ کی چیز تھی اس نے واپس لے لی ، اور اللہ یہ بھی کہتا ہے کہ وہ صبر کر نے والوں کے ساتھ ہے۔تو یوں آس توڑ کر نہ بیٹھو۔ہمت کرو پھر سے بسنے کی کوشش کرو اور جو جس طرح کام آ سکے ایک دوسرے کا ساتھ دو تو یہ مشکل جلدی ختم ہو جائے گی۔
سب کو اس کی بات بہت اچھی لگی اور انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ سب پھر سے اپنی بستیاں بسائیں گے۔
سردی بہت تھی امدادی پارٹیوں کو بھی کام کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔لیکن اب بہت سے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ان کے ساتھ لگ گئے کچھ نعمت خان کی باتوں سے بھی اُٹھ کھڑے ہوئے اور اپنے اپنے گھروں کو پھر بنانے میں لگ گئے۔
ایک ماہ سے نعمت مستقل آ رہا تھا شاندانہ اس کے ساتھ جانے پر بضد تھی اور سُرخا بالکل خامش تھا۔آج ایک بوڑھے شخص نے اس سے بات کی سنا ہے تم کسی لا وارث خاتون سے شادی کرنا چاہتے ہو ،اور اس بچی کو لے جانا چاہتے ہو۔
جی ہاں اس نے جواب دیا اور پر امید نظروں سے ان کی طرف دیکھنے لگا۔
یہاں ایک خاتون ہے جو بے سہارا رہ گئی ہے شریف خاتون ہے میں نے اس سے تمہارے بارے میں بات کی ہے وہ تھوڑی پس و پیش کے بعد تیار ہوئی ہے۔کیا تم اس سے ملنا چاہو گے ؟
نہیں با با وہ جو بھی ہے اس کا بہت شکر گزار ہوں گا اگر وہ میرا ساتھ دے گی۔اسے بتائیے گا کہ میری ایک بیٹی بھی ہے۔
اُسے پتہ ہے اور تمہارے اسی جذبے نے اسے تمہارا ساتھ دینے پر اُکسایا ہے۔
نعمت نے کہا مجھے اس بچی کے لئے کچھ بھی کرنے میں عار نہیں ہے اگر میں ایک اور بے سہارا کا سہارا بن جاؤں گا تو ضرور اپنی عاقبت سنوار لوں گا۔
اُن بزرگ نے اس کے ساتھ جا کر وہاں موجود عملے کو بتایا کہ ایک خاتون نعمت سے شادی کو تیار ہے۔اُن لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور نعمت کو مبارکباد دی۔
نعمت صرف اس بات پر خوش تھا کہ وہ شاندانہ کو اپنے گھر لے جائے گا۔
آج نعمت کا نکاح تھا کیمپ میں مولانا نے انتہائی سادگی سے اس کا نکاح پڑھایا۔
نعمت خوشی خوشی شاندانہ اور اپنی بیوی کے ساتھ اپنے گھر کی طرف جا رہا تھا ،سرخا بالکل خاموش بیٹھا تھا۔شاندانہ اسے بھی اپنے ساتھ لے جانے پر مصر تھی۔مگر وہ اپنی جگہ سے نہ ہلا۔نعمت نے ڈاکٹر سے کہا کہ وہ اسے دیکھنے آتا رہے گا۔نعمت نے سرخا کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیا اور وعدہ کیا کہ میں تجھے بھی جلد گھر لے جاؤں گا۔سرخا نے اچانک شاندانہ کو خود سے چمٹا لیا۔نعمت بہت خوش ہوا ڈاکٹر نے بھی اطمینان کا اظہار کیا کیونکہ دو ماہ میں یہ پہلا موقعہ تھا جب سرخا نے کچھ اظہار کیا تھا۔ورنہ اب تک وہ بالکل بے حس تھا۔
شاید اسے اطمینان ہو گیا تھا کہ اس کی بیٹی کو سہارا مل گیا ہے وہاں موجود ہر آنکھ اشکبار تھی۔
نعمت خاموشی سے شاندانہ اور اپنی بیوی کو لے کر باہر نکل آیا ایک نئی زندگی گزارنے کے لئے کہ تباہیاں اور بربادیاں تو آتی رہتی ہیں۔حکم ہے پروردگارِ عالم کا کہ تمہیں آزماؤں گا جانوں کے نقصان سے اور مالوں کے نقصان سے۔جو صبر کریں گے اور اس کی رضا پر راضی رہیں گے انہیں نواز دے گا۔اس کے کانوں میں مولانا کی آواز گونج رہی تھی۔انسان جتنا نرم و نازک ہے اتنا ہی سخت جان بھی اور جب ہمت کر لے تو اپنے لئے ایک نئی دنیا بسا لیتا ہے۔دوسروں کا سہارا بن کر اپنے دُکھ بھول کر۔
اس کی بیوی اس کے ساتھ ساتھ چل رہی تھی جس کا چہرہ تک اس نے نہیں دیکھا تھا لیکن اسی جوش سے قدم سے قدم ملا کر چل رہی تھی جیسے وہ جا رہا تھا۔شاندانہ ہر بات سے بے خبر اپنے نئے سہاروں کا ہاتھ تھامے ان کے قدم سے قدم ملانے کی کوشش میں اُن سے بھی تیز چل رہی تھی۔
سُرخا خاموشی سے کیمپ میں بیٹھا تھا مگر اس کے چہرے پر عجیب سا اطمینان تھا۔اور وقت ہر چیز سے بے خبر بے پرواہ گزر رہا تھا۔یہ ہی زندگی ہے۔سہارے چھین بھی لیتی ہے سہارے دے بھی دیتی ہے۔صرف اُس کی رضا پر راضی رہنے کی بات ہے۔
٭٭٭
شرارتی
اُس کی شرارتوں سے سب عاجز تھے چاہے گھر والے ہوں محلے کے لوگ یا رشتے دار ،وہ کسی کے ساتھ رعایت نہ رتتا تھا۔اُس کی شرارتوں ہی نے اسے پورے محلے میں مشہور کیا ہوا تھا۔اکثر لوگ اس کا نام سنتے ہی منہ بنا لیتے اور اکثر کے چہروں پر مسکراہٹ آ جاتی۔اکثر کے منہ سے بے اختیار برے الفاظ اس کے لئے نکل جاتے۔
وہ اپنی ماں کا اکلوتا بیٹا تھا جب سے ہوش سنبھالا تھا اپنی ماں اور اس کے رشتے داروں ہی کو دیکھا تھا۔باپ اس کے پیدا ہوتے ہی ماں کو چھوڑ گئے تھے کیوں ؟ یہ راز آج تک کسی کو پتہ نہ تھا ،اور شاید اس کی حرکتوں کا کارن بھی یہ ہی بات تھی۔کیونکہ لوگوں کی اُلٹی سیدھی باتوں کا اس کے پاس کوئی جواب نہ تھا ،اور نہ ہی ابھی سمجھ اتنی تھی کہ ایسی باتوں پر توجہ دے۔لہذا وہ اپنی حرکتوں سے اپنا غبار نکالتا۔
اُس نے آنکھ کھولتے ہی اپنی ماں کو محنت کرتے دیکھا تھا۔ان کی ایک کپڑوں کی دوکان تھی جس میں عورتوں اور بچوں کے سلے سلائے کپڑے ملتے تھے اُ ن کی دوکان صدر کے علاقے میں تھی۔اس کی نانی ان کے ساتھ رہتی تھیں جس کی وجہ سے انہیں کھانے پکانے کا پرابلم نہیں تھا۔وہ اسکول جاتا واپسی پر نانی کھانا کھلاتیں اور اسے ہوم ورک کرنے کے لئے کہتیں اور خود کیونکہ تھک جاتی تھیں اس لئے بیچاری لیٹتے ہی سو جاتیں ،اور یہ ہی اس کے لئے سنہرا وقت ہوتا وہ چپکے سے گھر سے باہر نکلتا۔
کسی گھر کی کنڈی باہر سے بند کر دیتا۔کسی کی کیاری کھود ڈالتا۔کسی گھر پر چاک سے چار سو بیس لکھ دیتا۔کسی کا دروازہ کھٹ کھٹا کر بھاگ جاتا۔آدھے گھنٹے میں وہ یہ سارے کام نمٹا کر گھر آ جاتا اور نانی کے اُٹھنے سے پہلے پہلے گھر واپس آ کر کام کرنے بیٹھ جاتا۔
جب لوگ شکایتیں لے کر آتے تو نانی بیچاری معصومیت سے قس میں کھا کھا کر کہتیں کہ وہ گھر میں تھا اور اسکول کا کام کر رہا تھا۔اور یہ خود معصوم صورت بنائے بیٹھا رہتا۔اور دل ہی دل میں قہقہے لگاتا۔کبھی کبھی اسے نانی پر ترس بھی آتا مگر بہت کم۔
ماں اسے بہت سمجھاتی جب اس پر کوئی اثر نہ ہوتا تو رونے لگتی اسے ماں سے ہمدردی ہوتی مگر بس تھوڑی دیر اور پھر باپ کی کمی ماں کی ہمدردی پر حاوی ہو جاتی ،اور لوگوں کے الٹے سیدھے سوال اس کے کانوں میں گونجنے لگتے۔
سب سے عجیب بات یہ تھی وہ پڑھائی میں بہت اچھا تھا اسکول سے کبھی اس کی کوئی شکایت نہیں آئی تھی۔اور یہ ہی بات اس کی ماں اور نانی کے لئے اطمینان کا باعث تھی۔
اسی طرح شکایتیں سنتے شرارتیں کرتے اور پٹتے اس نے پرائمری اسکول ختم کیا اور سیکنڈری اسکول میں آ گیا وہ اب بھی شرارتیں کرتا مگر اب اس کی شرارتیں بھی بڑی ہو گئیں تھیں۔اب وہ ایک گھر کی کندی میں دھاگہ باندھتا اس کو دو تین دفعہ کھٹکھٹاتا اور دھاگہ سامنے والے گھر میں پھینک کر خود اپنے گھر آ جاتا ،اُن دونوں گھروں میں لڑائی ہو جاتی اور یہ گھر میں بیٹھ کر ہنستا رہتا۔
نانی اب کافی ضعیف ہو گئیں تھیں۔اس لئے انہوں نے ایک ماسی برتن دھونے کے لئے رکھ لی تھی ،شام کے وقت ماسی برتن دھونے آتی وہ برتن دھو کر اُٹھتی تو یہ پلاسٹک ی چھپکلی اس مہارت سے رکھتا کہ وہ سچ مُچ کی چھپکلی سمجھ کر چیخ چیخ کر سارا گھر سر پر اُٹھا لیتی اور یہ ایسا بن جاتا جیسے کچھ پتہ ہی نہیں۔ماں کو پتہ چلتا وہ بہت سمجھاتی کہ کسی دن بہت بڑا وبال کھڑا ہو جائے گا۔ وہ وعدہ کرتا کہ آئندہ ایسا نہیں کرے گا مگر دو دن بھی اپنی بات پر قائم نہ رہ پاتا۔
اُن کے کسی رشتے دار کی شادی تھی یہ لوگ وہاں جا رہے تھے۔شادی میں کھانے کا بھی انتظام تھا۔کھا نے میں صرف ایک ڈش کی اجازت تھی اس لئے زیادہ تر لوگ بریانی اور رائتہ یا دہی رکھتے تھے اور ایک میٹھی ڈش ہوتی تھی۔ٹیبلز پر کھانا رکھا جا رہا تھا دو ٹیبلز پر اس نے ویٹر سے کہہ کر دہی کے کونڈوں کی جگہ کھیر کے کونڈے رکھوا دئے۔اور لوگوں نے بریانی میں کھیر ڈال لی ،مارے شرمندگی کے کچھ نے تو اسی طرح کھایا اور کچھ نے پلیٹیں چھوڑ دیں۔جب ویٹرز پر ڈانٹ پڑی تو وہ اس لڑکے کو ڈھونڈھتے ہی رہ گئے۔
ایک دفعہ اس کی کوئی رشتے دار ان کے گھر ایک دن ٹھہر کر اگلے دن دوسرے شہر جانے والی تھیں ان کا گھر کیونکہ ٹرین اسٹیشن کے قریب تھا اس لئے وہ ایک دن ان کے پاس رہ کر اگلے شہر جانے والی تھیں وہ ان کے گھر پہنچیں سب ملنے ملانے میں لگے اسے موقعہ ملا اس نے ان کے دونوں سوٹ کیس سب سے نظر بچا کر اسٹور میں رکھ دئے۔جب سب لوگ ذرا اطمینان سے بیٹھے تو انہوں نے اپنا سامان دیکھا تو دو سوٹ کیس غائب۔اب تو وہ بڑی پریشان ہوئیں ماں اور نانی بھی حیران کہ سامان کہاں گیا ایک ہنگامہ مچ گیا سب کمرے میں برآمدے میں سب جگہ دیکھ لیا باہر بھی دیکھ آئے سوٹ کیس کہیں نظر نہ آئے سب حیران ماں کو ایک دم اس کا خیال آیا جا کر کان پکڑ لیا اس نے اپنی لا علمی کا اظہار کیا مگر ماں نے سب کے سامنے مارنے کی دھمکی دی تو اس نے بتایا کہ اس نے وہ سوٹ کیس اسٹور میں رکھ دئے ہیں۔
دوسرے دن اُن لوگوں کے جانے کے بعد ماں نے پھر سمجھایا کہ خدا را اپنی شرارتوں سے باز آ جاؤ ورنہ کسی دن بہت برا پھنسو گے۔وہ خاموش سنتا رہا پھر اُٹھ کر باہر چل دیا۔اُسے لوگوں کو اس طرح پریشان کر کے تسکین ملتی تھی۔اور اُن باتوں کا جواب جو لوگ اس کے باپ کے بارے میں پوچھتے تھے۔جو وہ ماں اور نانی سے شیئر نہیں کر سکتا تھا۔
وہ گھر سے باہر نکلا ہاتھ میں پرکار تھا۔برابر کے گھر والوں کے یہاں ایک گدھا گاڑی کھڑی تھی جس پر سیمنٹ کے بلاک رکھے تھے جو مزدور اُٹھا اُٹھا کر گھر کے اندر لے جا رہا تھا اور گدھا گاڑی کا مالک دروازے کے قریب کھڑا چائے پی رہا تھا۔اس کی رگِ شرارت پھڑکی اور اس نے گدھے کے قریب سے گزرتے ہوئے ہاتھ میں پکڑا ہوا پرکار گدھے کے چبھا دیا گدھا ایک دم چیختا ہوا بھاگا اس کے پیچھے پیچھے گدھا گاڑی کا مالک اور مزدور بھی حیران پریشان بھاگے۔بڑی مشکل سے گدھے کو قابو کیا اور ایک دوسرے سے اس کے بھاگنے کی وجہ پوچھتے رہے اور یہ چپ چاپ گھر واپس آ گیا۔
اس نے میٹرک بڑی اچھی پوزیشن سے پاس کیا پورے صوبے میں سیکنڈ آیا تھا اس لئے اسے وظیفہ دیا گیا۔ماں اور نانی بہت خوش تھیں وہ خود بھی خوش تھا اور کسی بہت اچھے کالج میں داخلہ لینا چاہتا تھا جو اب اس کے لئے مشکل نہ تھا اس نے اپنے شہر کے سب سے اچھے کالج میں داخلہ لیا اور پڑھائی میں پورے تن من دھن سے لگ گیا۔ نانی بہت بوڑھی ہو گئیں تھیں اور ماں بھی تیزی سے بڑھاپے کی طرف رواں دواں تھیں۔مگر وہ اپنے بیٹے کو بہت بڑا آدمی دیکھنا چاہتی تھیں ،اس لئے کبھی اس کے سامنے اپنی کسی تکلیف کا ذکر نہ کرتی تھیں تاکہ وہ سکون سے پڑھ سکے۔اب اسے شرارتوں کا وقت کم ملتا مگر جب بھی ملتا وہ اسے ضائع نہ کرتا۔
محلے میں شادی تھی یہ لوگ بھی مدعو تھے یہ بھی ماں اور نانی کے ساتھ شریک تھا۔اسے شرارت سوجھی اور ایک پرچی پر یہ لکھ کر مولانا صاحب کو دے آیا کہ ،آپ کے چہرے پر کالک لگی ہے۔مولانا صاحب نے پرچی پڑھی اور اس کے بعد بیچارے پورا وقت اپنا چہرہ پونچھتے رہے کہ ان کا چہرہ سرخ ہو گیا سب مولانا صاحب کی بے چینی اور اس حرکت پر حیران تھے بڑی مشکل سے بیچاروں نے نکاح پڑھایا۔اور نکاح پڑھاتے ہی بھاگ نکلے اور یہ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو گیا۔
اس نے اپنی تعلیم مکمل کی اور ایک اچھا آرکیٹکٹ بن گیا۔ماں کے بھی دن تھوڑے آسان ہو گئے۔مگر انہوں نے اپنا کاروبار نہیں چھوڑا۔اب اس کی شرارتیں بھی اس کی طرح میچور ہو گئیں تھیں۔لیکن چھوٹی نہیں تھیں۔پھر اس کی زندگی میں ایک لڑکی آئی۔وہ اس کے آفس ہی میں کام کرتی تھی آہستہ آہستہ دونوں ایک دوسرے کے قریب آ گئے اب ماں بھی اور نانی بھی اس کی شادی کرنا چاہتی تھیں جب ماں نے اپنی خواہش اس کے سامنے رکھی تو اس نے ماں کو اپنی دوست کے بارے میں بتایا۔ماں نے کوئی اعتراض نہ کیا اور اس لڑکی کے ماں باپ سے ملنے کی خواہش ظاہر کی اس نے ماں سے وعدہ کیا کہ جلد ہی وہ اس کی ملاقات کرائے گا۔
سب لوگ آپس میں ملے اور ان دونوں کا رشتہ طے ہو گیا۔اب دونوں اور بھی قریب آ گئے وہ خود بھی اپنی پسند پر بہت خوش اور مطمئن تھا ،سب سے زیادہ خوش اس لئے تھا کہ اسے اس کی پسند مل رہی تھی۔ماں نے خواہش ظاہر کی کہ پہلے منگنی کر دیں پھر شادی کریں گے وہ لوگ تیار ہو گئے۔منگنی کے چار ماہ بعد شادی کی تاریخ رکھی گئی۔دن تیزی سے گزر گئے۔
شادی سے دو دن پہلے اس کی رگِ شرارت پھڑکی اور اس نے ایک لمبی چوڑی جہیز کی لسٹ بنا کر لڑکی والوں کو بھیج دی۔وہ سارے بڑے حیران ہوئے خاص کر لڑکی کے باپ کو بہت غصہ آیا انہوں نے اس کے گھر فون کیا ماں نے لا علمی کا اظہار کیا اور انہیں اپنے بیٹے کی شرارتی طبیعت سے بھی آگاہ کیا مگر وہ اتنے شدید ناراض ہو گئے کہ کچھ سننے کو تیار نہ ہوئے۔ماں بہت پریشان ہوئی نانی کا بھی برا حال تھا جب یہ گھر آیا تو ماں نے سارا قصہ سنا یا وہ خوب ہنسا مگر یہ شرارت اسے بہت مہنگی پڑی اس لڑکی نے شادی ہی سے انکار کر دیا کیونکہ اس کے باپ کو ہارٹ اٹیک ہو گیا تھا وہ اسپتال میں تھے اور اس طرح اسے یہ شرارت نہ صرف مہنگی پڑی بلکہ بہت ہی مہنگی پڑی نانی بھی اس سے بالکل خفا ہو گئیں۔اور ماں بھی بالکل خاموش ہو گئیں۔آج پہلی دفعہ اسے اپنی شرارتوں پر غصہ آیا اور اس نے سنجیدہ ہو جانے کا عہد کر لیا۔
وہ ماں کے پاس آیا اور اس نے ماں کے سامنے عہد کیا کہ اب وہ بالکل سنجیدہ ہو جائے گا۔ماں کا دل اندر سے بہت دکھا مگر وہ خاموش رہیں اس نے اپنی شادی کا اختیار بھی ماں اور نانی کو دے دیا۔
ماں نے اس کے لئے ایک لڑکی تلاش کی اور اس کی شادی کر دی۔
یہ وہ کہانی تھی جو اس نے اپنی بیوی کو سنائی تھی کیونکہ وہ اس کی سنجیدہ طبیعت سے اکثر ہراساں ہو جاتی۔
اس کی بیوی نے مجھے بتایا کہ اس کے شوہر کی زندگی میں باپ کی کمی نے ایسی محرومی پیدا کر دی تھی جو وہ ہر طرح دوسروں کو ستا کر نکالنا چاہتا تھا کیونکہ باپ کے نہ ہونے کا صحیح جواب اس کے پاس نہیں تھا۔اس نے اپنی بیوی سے بھی وعدہ لیا تھا کہ وہ کتنا ہی اس سے ناراض ہو مگر علیحدہ ہر گز نہ ہو گی۔کیونکہ مرنے کے علاوہ بچوں کی زندگی میں ماں باپ کی محرومی بڑی ظالم ہوتی ہے۔اور جب انہیں اس کمی کے بارے میں کچھ علم بھی نہ ہو۔
اسکی بیوی نے اس سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا اور وعدہ بھی لیا تھا کہ وہ ہلکی پھلکی شرارتیں کرتا رہے گا ،کیونکہ زندگی کا لطف ہی ہلکے پھلکے ماحول میں ہے اور اگر ایک دوسرے کی کمزوریوں کو سمجھ کر ساتھ دیا جائے تو زندگی بہت خوبصورت ہو جاتی ہے۔مجھے اس کی بات بہت ہی اچھی اور حقیقت سے قریب لگی۔ وہ دونوں بہت خوش ہیں ماں اور نانی بھی مطمئن ہیں۔لیکن اسے اپنے آپ کو روکنے کے لئے بڑا صبر کرنا پڑتا ہے
اس کی بیوی نے مجھے بتایا کہ اس سے نکاح کے وقت کسی بات پر جب اس کے والد نے ٹوکا تو کہنے لگا ،انکل پہلی شادی ہے اس لئے دوسری میں بالکل ٹھیک بولوں گا ‘‘ وہ بیچارے اس کا منہ دیکھتے رہ گئے۔لیکن کیونکہ اس کی والدہ اس کی طبیعت کے بارے میں بتا چکی تھیں اس لئے انہوں نے برا نہیں مانا۔
اس کی باتیں سن کر مجھے بہت اچھا لگا۔واقعی اگر کمزوریوں کو سمجھ کر ایک دوسرے کا ساتھ دیا جائے تو زندگی گزارنا بہت آسان ہو جاتی ہے۔بیوی میں اگر صلاحیت اور سمجھ ہو اور شوہر اس کا ساتھ دے تو بہت کچھ بدل سکتا ہے کہ یہ بندھن ہر حالت نبھانے کے لئے ہوتا ہے۔
ساتھ ہی مجھے احساس ہوا کہ کمی کیسی بھی ہو انسان کے اوپر اچھائی یا برائی کی صورت میں ضرور اثر انداز ہوتی ہے۔مصلحت کا تقاضہ یہ ہے کہ جب بچے سمجھنے کے قابل ہو جائیں تو ان کی زندگی میں اگر خدانخواستہ ایسی کوئی کمی ہو جس پر بڑوں کا اختیار نہیں تھا تو ان کو اچھے پیرائے میں ضرور آگاہ کر دینا چاہئے تاکہ اس کے منفی اثرات کم سے کم ہوں اور وہ کسی ایک کو موردِ الزام نہ سمجھیں اور نہ ہی اپنی زندگی میں تلخیاں پیدا کریں۔کیونکہ زیادہ تر لوگ منفی رویوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔
خوش قسمت ہوتے ہیں وہ جنہیں ایسے جیون ساتھی میسر آ جائیں جو ان کی ذہنی اذیت کو سمجھ لیں اور ان کا ساتھ خلوص سے دیں تو زندگی آسان اور خوبصورت ہو جاتی ہے۔ساتھی وہ ہی ہیں جو ایک دوسرے کو تمام تر اچھائیوں اور تمام تر برائیوں کے ساتھ قبول کریں اور ہر کمزور لمحے میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں کہ کمزوریوں سے عاری تو کوئی بھی نہیں۔جو لوگ یہ نکتہ سمجھ لیتے ہیں۔وہ ہر سخت سے سخت وقت کا مقابلہ کر لیتے ہیں کہ انہیں اپنی کمزوریوں کا بھی ادراک ہوتا ہے۔اور یہ ادراک ہی شادی شدہ زندگی کی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔
٭٭٭
ماخذ:
http://www.aalmiakhbar.com/index.php?mod=article&cat=alamara
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
شرارتی
اور
دوسرے افسانے
خورشید عالم آرا
ترتیب: اعجاز عبید
پچھتاوا
اانڈیا سے اُسکی بیٹی کا فون تھا ،وہ رو رہی تھی ، اُس کی ہچکیاں اسے بولنے نہیں دے رہی تھیں۔وہ حیران تھا اور پچھتا بھی رہا تھا۔اُسکی بیٹی کو طلاق ہو گئی تھی۔وہ رو رہی تھی وہ کہہ رہی تھی ’’آپ نے ایسے وعدے کیوں کئے تھے بابا جو آپ پورے نہیں کر سکتے تھے۔’’آپ نے کیوں سنہرے سپنے دکھائے تھے ،جن کی تعبیر آپ کے اختیار میں نہیں تھی ،آپ کیوں جھوٹ بولتے رہے با با ‘‘ وہ بلک بلک کر رو رہی تھی۔
’’بابا انہوں نے بچے بھی رکھ لئے ‘‘ اور اُس کی ہچکیاں بے قابو ہو گئیں۔وہ خاموش فون سے کان لگائے آنسو بہا رہا تھا۔کہ اس حادثے پر وہ خود کو کبھی معاف نہیں کر سکتا تھا۔
اُسکی بیٹی انڈیا میں تھی۔اور وہ خود اپنی دوسری بیوی اور بچوں کے ساتھ امریکہ میں یہ اُس کی پہلی بیوی سے بیٹی تھی ،جس کی شادی اس نے انڈیا ہی میں کر دی تھی۔اُس نے شادی کے وقت اپنے داماد سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اُسے امریکہ بلا لے گا۔۔اس شادی کو اب تین سال ہو گئے تھے اس کی بیٹی مان بھی بن گئی تھی ،اب اس دباؤ تھا کہ وہ داماد کو امریکہ بلا لے۔جب اس کی بیٹی روتی تو وہ اسے تسلی دیتا کہ کہ وہ کوشش کر رہا ہے اور جلد اُن لوگوں کو بلا لے گا۔اس کے کہنے سے معاملہ ٹھنڈا پڑ جاتا۔لیکن کچھ دنوں بعد پھر بیٹی روتی کہ آپ انہیں بلا لیں ،آپ نے وعدہ کیا تھا وہ پھر حسبِ عادت اُسے تسلی دیتا کہ وہ کوشش کر رہا ہے۔اب حالات مشکل ہو رہے تھے۔اور وہ اپنے داماد کو بلانے میں کچھ دلچسپی بھی نہیں لے رہا تھا۔وہ سوچ رہا تھا کہ بیٹی کے آنے سے اس کی ذمے داری بڑھ جائے گی اور اس کی زندگی میں مشکلات بڑھ جائیں گی۔گو وہ خود اچھا کما بھی رہا تھا اور اچھی طرح رہ بھی رہا تھا ،مگر اپنی بیوی اور بچوں پر بھروسہ نہیں کر رہا تھا۔اور خود پر مزید بوجھ ڈالنے کو تیار نہ تھا۔اور شاید اپنی بیوی سے بھی ڈرتا تھا کہ وہ اپنی سوتیلی بیٹی داماد کے ساتھ کیا رویہ رکھے گی۔
اس دفعہ اُسکی بیٹی نے جب اپنے دیور کی شادی کے بارے میں بتایا اور یہ بھی کہا کہ وہ اپنے سسر کے پاس آسٹریلیا چلا جائے گا تو اُسے تھوڑا سا خوف محسوس ہوا تھا کہ کہیں اس کا داماد اپنے بھائی کے جانے کی وجہ سے دوبارہ امریکہ آنے پر زور نہ دینے لگے۔اور وہ ہی ہوا۔اب اس کی بیٹی کے رونے اور اس خواہش کے اسرار میں اضافہ ہو گیا تھا ،کہ اس کا شوہر اب بہت بے صبرہ ہو رہا ہے اور چاہتا ہے کہ اُسے جلد از جلد امریکہ بلا لیا جائے۔جیسا کہ اس سے شادی کے وقت وعدہ کیا گیا تھا ،اس کے ساس سسر بھی اب طعنوں تشنوں پر اتر آئے تھے۔
اُس نے سوچا کہ میں داماد کو کچھ پیسے بھیج دوں تاکہ یہ معاملہ کچھ وقت کے لئے ٹھنڈا ہو جائے ،اور ایسا ہی ہوا بھی کہ کچھ دن کے لئے سکون ہو گیا۔لیکن یہ اس حقیقت سے بے خبر رہا یا جان بوجھ کر پہلو تہی کرتا رہا کہ اندر اندر جو لاوا پک رہا ہے وہ کب اُبل پڑے گا پتہ نہیں۔اور ہوا یوں کہ اس کی بیٹی کی زندگی کو ایک دوسرے باپ نے باہر کا ٹکٹ دے کر اپنی بیٹی کے لئے خرید لیا اور اُس کا داماد باہر جانے کی چاہت میں بِک گیا کہ وہ باہر جانے کا بہت شوقین تھا اُس پر بھوت سوار تھا باہر جانے کا جسے وہ ہر قیمت پر پورا کرنا چاہتا تھا۔لہٰذا اُس نے پانچ سال کے تعلق کو ایک جھٹکے سے توڑ پھینکا اور اُس کی بیٹی کو طلاق دے دی اور بچے بھی یہ کہہ کر رکھ لئے کہ وہ وعدہ خلاف اور جھوٹے لوگوں میں اپنی اولاد کو نہیں چھوڑے گا۔یہ بات بھی اُس کے لئے حیرت کا باعث تھی اور اس کی بیٹی کی لئے انتہائی دکھ اور تکلیف کا باعث۔
وہ رو رہی تھی ’’ با با میں زندہ نہیں رہ پاؤں گی ،با با میرے بچے ، با با میرے بچے۔ با با آپ نے اپنے جھوٹے وعدوں اور تسلیوں سے میری زندگی ختم کر دی مجھے دکھ کی آگ میں جھونک دیا ،با با آپ نے ایسا کیوں کیا ؟آپ نے وہ وعدے کیوں کئے جو آپ پورے نہیں کر سکتے تھے۔با با آپ نے میری زندگی میں زہر گھول دیا ،اب میں کس کے سہارے زندہ رہوں با با ،آپ نے مجھے ایک بار پھر جہنم میں جھونک دیا ،بابا پہلے میری ماں کو چھوڑ کر اور اب مجھے میرے بچوں سے چھڑا کر ، میں کیا کروں با با۔‘‘
اُس نے اپنی بیٹی کو تسلی دی ’’میں تمہیں جلدی یہاں بلا لوں گا ‘‘ دوسری طرف سے انتہائی ہسٹریائی انداز میں چیخنے کی آواز آئی نہیں با با نہیں میں اس ملک میں کبھی نہیں آؤں گی جس کی خاطر میرا شوہر میرے بچے چھن گئے نہیں با با میں وہاں ہر گز نہیں آؤں گی ،بس خدا را اب آپ کسی سے جھوٹے وعدے نہ کیجئے گا ،کسی کا سودا نہ کیجئے گا خدا کے لئے۔اور ہاں با با ایک بات اور ‘‘ انتہائی پتھریلے اور سخت لہجے میں کہا گیا
’’با با اب نہ میں آپ کو فون کروں گی نہ آپ یہ جاننے کی کوشش کیجئے گا کہ میں کہاں ہوں۔جس طرح میں اپنے بچوں کو ترسوں گی اب آپ بھی مجھے ترسئے گا ‘‘ اور اس کا جواب سنے بغیر فون بند ہو گیا۔
وہ سخت شرمندہ تھا اور اپنے کہے پر پچھتا بھی رہا تھا ،وہ سوچ رہا تھا کہ کاش میں اپنے داماد سے غلط بیانی نہ کرتا کاش میں اس کی خواہش کو پورا کرتا یا کاش میں اس سے کہہ سکتا کہ اس کا بلانا میرے بس میں نہیں ہے۔اے کاش کہ کوئی بھی بیٹی کا باپ مصلحتاًََ غلط بیانی سے بیٹیوں کی زندگی خراب نہ کرے۔نہ جھوٹے وعدے کرے اور نہ ہی جھوٹی تسلیاں دے۔کہ یہ رشتے جتنے مضبوط ہیں اتنے ہی نازک بھی ،اور پچھتاوا تو زندگی بھر ساتھ نہیں چھوڑتا۔اللہ ایسے پچھتاووں سے سب کو بچاتا رکھے۔اس نے دل سے دعا کی۔
وہ بیوی کی آواز پر کھانے کی ٹیبل پر جا بیٹھا ،جہاں اس کے بچے کھانے پر اس کے منتظر تھے۔اور شاید کسی کو بھی اس حادثے پر زیادہ دیر دکھ کرنے کا حوصلہ نہ تھا یا شاید یہ اس ملک کی روایات کا اثر تھا کہ ایسی باتوں پر کوئی زیادہ دیر دکھی نہیں رہتا۔’’اسے اپنے لئے کوئی دوسرا ساتھی ڈھونڈھ لینا چاہئے۔‘‘ اس کے بیٹے نے لا پرواہی سے کہا۔ وہ خاموش رہا۔
وہ سب اپنے آپ میں مست تھے۔ اُن کے لئے یہ کوئی بڑی بات نہ تھی۔
پچھتاوا صرف اس کے لئے تھا۔
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)