دین و مذہب

شفاعت کا عقیدہ

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (6,175 الفاظ)

شفاعت کا اسلامی عقیدہ

اورنگزیب یوسف

اللہ تبارک تعالی ہم سے بہت محبت کرتا ہے اور ہم پر بے انتہا مہربان ہے۔اسی کی محبت اور رحمت ہے کہ ہماری مغفرت اور بخشش کے لیے اس نے کئی راستے کھول رکھے ہیں جیسے ایمان لانا اور پھر نماز، روزہ ، حج، زکوٰۃ ، جہاد اور صدقات وغیرہ۔ اس طرح ہماری تھوڑی سی کوشش کو بہت بڑھا کر اور بہت زیادہ شمار فرما کر اللہ ہمارے اعمال کو ہماری مغفرت کا بہانہ بناتا ہے ورنہ حقیقت تو یہ ہے کہ ہمارے پاس اپنا ہے کیا جو ہم اللہ کی راہ میں استعمال یا خرچ کر سکیں۔زندگی ، صحت، جسم و جان ، دل و دماغ، سماعت و بصارت، مال و دولت ، غرض کوئی بھی نعمت اور پھر کسی اچھے عمل کی توفیق یہ سب اللہ ہی تو دیتا ہے اور اسی کی عطا کردہ چیز کو کہیں اس کے بتائے کسی راستے پر کسی کوشش میں تھوڑا بہت لگا کر ہم کونسا ایسا کارنامہ انجام دیتے ہیں جو اپنے اعمال کے بل بوتے پر مغفرت و جنت کا دعوی کر سکیں؟ اصل میں تو یہ اللہ ہی کی رحمت ہے جس کے باعث وہ ہماری خطاؤں سے درگزر فرما کر ہمیں معاف فرما دے۔ اللہ کی انہی بے پایاں رحمتوں میں سے ایک قیامت کے دن شفاعت یا سفارش ہے جس کی وہ قیامت کے دن اپنے چنیدہ بندوں کو اپنے کچھ ایسے اہل ایمان بندوں کے حق میں اجازت دے گا کہ کوتاہیوں اور لغزشوں کے باعث جن کے اچھے اعمال کا وزن تھوڑا بہت ہلکا ہوگا اور جن کی مجموعی کارکردگی کی بنا پر اللہ ان کو بخش دینے کا ارادہ فرما چکا ہوگا اور وہ شفاعت کے نتیجے میں سزا سے بچ جائیں گے اور جنت میں جائیں گے یا پھر وہ مومنین جو جہنم میں اپنی سزا بھگت چکے ہوں گے اور اللہ اپنی رحمت سے انہیں جنت میں پہنچانا چاہے گا۔شفاعت سے مراد یہ ہرگز نہیں کہ کوئی اللہ کے فیصلے کو چیلنج کرے اور اس کو بدلنے پر مجبور کر دے یعنی اللہ تو کسی کو سزا دینا چاہے اور کوئی دوسرا اس کو چھڑا کر لے جائے۔بھلا یہ کیونکر ممکن ہے کہ رسولﷺ یا دیگر انبیاء، صدیقین، شہداء،فرشتوں یا صالحین اولیاء میں سے کوئی اللہ کے کسی دشمن، باغی ،منکر یا نافرمان کے حق میں سفارش کرنا چاہے ؟کیسی بدگمانی ہے یہ اللہ کے مقرب لوگوں کے ساتھ؟ سوچیے کہ ان لوگوں کی محبت اور ان کا تعلق اللہ سے ہے یا اللہ کے دشمنوں، ظالموں اور مجرموں سے ؟ جو خدا کا دشمن، باغی اور نافرمان ہو اور جسے خدا سزا دینا چاہتا ہو وہ ان تمام لوگوں میں سے کسی کا دوست کیسے ہو سکتا ہے ؟ شفاعت تو در حقیقت وہاں ایک موقع پر اپنے بندوں کے حق میں اللہ ہی کی رحمت اور اس کے فیصلے کا حصہ ہے جو ایک طرف اللہ کی اپنے گناہگار بندوں پر خاص مہربانی اور بخشش کا بہانہ ہے تو دوسری طرف اپنے خاص بندوں کی کمال عزت افزائی اور ان کا اکرام و اعزاز ہے۔جو لوگ اس شفاعت سے مستفید ہوں گے ان کی مثال یوں سمجھ لیجیے کہ وہ کچھ نمبروں سے فیل ہو رہے تھے اور رعایتی نمبر دلوا کر پاس کیا جا رہا ہے۔

روز قیامت شفاعت کی ابتدا اللہ کے اذن سے ہمارے رسول شفیع اعظمﷺ سے ہوگی اور پھر دیگر شفاعتیں اور سفارشات ہوں گی۔اگر شفاعت کا عقیدہ صحیح اور واضح نہ ہو تو اس میں ذرا سی بھی نا سمجھی اور غلطی شرک کی کئی قسموں میں ملوث ہونے اور نتیجتا آخرت میں بہت بڑی ناکامی کا سبب بن سکتی ہے۔ آج ہم اسی موضوع کے بارے میں قرآن و حدیث سے رہنمائی لینے کی کوشش کرتے ہیں۔

پہلی حقیقت

اس بارے میں پہلی سچائی یہ ہے کہ وَالْأَمْرُ يَوْمَئِذٍ لِلَّهِ اس دن فیصلہ کا کلی اختیار بس اللہ ہی کو ہوگا ، کوئی محض اپنی خواہش یا بل بوتے پر کسی کے لیے کچھ بھی نہ کر سکے گا۔ مجرموں کا نہ کوئی دوست ہوگا نہ کوئی سفارش کرنے والا اور جنہیں اللہ سزا دینا چاہے ان کے لیے کوئی شفاعت نہیں ہوگی اور مجرموں کو اللہ سے بچانے والا کوئی نہ ہوگا:

سورة الإنفطار ( 82 )

يَوْمَ لَا تَمْلِكُ نَفْسٌ لِّنَفْسٍ شَيْئًا وَالْأَمْرُ يَوْمَئِذٍ لِلَّهِ {19}

یہ وہ دن ہے جب کسی شخص کے لیے کچھ کرنا کسی کے بس میں نہ ہوگا، فیصلہ اُس دن بالکل اللہ کے اختیار میں ہوگا۔

سورة الرعد ( 13 )

۔۔۔وَمَا لَهُم مِّنَ اللهِ مِن وَاقٍ {34}

کوئی ایسا نہیں ہے جو اُنہیں اللہ سے بچانے والا ہو۔

( 2 )سورة البقرة

وَاتَّقُواْ يَوْماً لاَّ تَجْزِي نَفْسٌ عَن نَّفْسٍ شَيْئاً وَلاَ يُقْبَلُ مِنْهَا شَفَاعَةٌ وَلاَ يُؤْخَذُ مِنْهَا عَدْلٌ وَلاَ هُمْ يُنصَرُونَ {48}

اور ڈرو اُس دن سے جب کوئی کسی کے ذرا کام نہ آئے گا،نہ کسی کی طرف سے سفارش قبول ہو گی، نہ کسی کو فدیہ لے کر چھوڑا جائے گا، اور نہ مجرموں کو کہیں سے مدد مل سکے گی۔

سورة الأنعام ( 6 )

وَأَنذِرْ بِهِ الَّذِينَ يَخَافُونَ أَن يُحْشَرُواْ إِلَى رَبِّهِمْ لَيْسَ لَهُم مِّن دُونِهِ وَلِيٌّ وَلاَ شَفِيعٌ لَّعَلَّهُمْ يَتَّقُونَ {51}

اے نبیﷺ! تم اس (علمِ وحی)کے ذریعہ سے اُن لوگوں کو نصیحت کرو جو اِس کا خوف رکھتے ہیں کہ اپنے رب کے سامنے کبھی اس حال میں پیش کیے جائیں گے کہ اُس کے سوا وہاں کوئی ایسا (ذی اقتدار)نہ ہوگا جو ان کا حامی و مددگار ہو، یا ان کی سفارش کرے ، شاید کہ (اس نصیحت سے متنبہّ ہو کر)وہ خدا ترسی کی روش اختیار کر لیں۔

سورة غافر (40)

وَأَنذِرْهُمْ يَوْمَ الْآزِفَةِ إِذِ الْقُلُوبُ لَدَى الْحَنَاجِرِ كَاظِمِينَ مَا لِلظَّالِمِينَ مِنْ حَمِيمٍ وَلَا شَفِيعٍ يُطَاعُ {18}

اے نبی ﷺ ڈرا دو اِن لوگوں کو اُس دن سے جو قریب آ لگا ہے۔ جب کلیجے منہ کو آرہے ہونگے اور لوگ چُپ چاپ غم کے گھونٹ پیے کھڑے ہونگے۔ ظالموں کا نہ کوئی مشفق دوست ہو گا اور نہ کوئی شفیع جس کی بات مانی جائے۔

کہاں تو بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے کچھ بزرگ اور سفارشی ایسے زور آور ہیں کہ جن کی بات تو چل کر ہی رہتی ہے اور جن کی سفارش ٹل نہیں سکتی، بس ان کا دامن پکڑ لو اور آخرت سے بے فکر ہو جاؤ۔ جو مرضی کر لو چھڑا لیں گے اور کہاں قرآن یہ منظر بیان کرتا ہے کہ اس پر جلال عدالت میں تو مخلوق کی بزرگ ترین ہستیوں اور معزز ترین فرشتوں تک کو بھی بولنے کا یارا نہ ہو گا، وہاں تو کوئی بات بھی نہ کر سکے گا الا یہ کہ اللہ کی اجازت سے کچھ عرض کرے :

سورة هود ( 11 )

يَوْمَ يَأْتِ لاَ تَكَلَّمُ نَفْسٌ إِلاَّ بِإِذْنِهِ۔۔۔ {105}

جب وہ دن آئے گا تو کسی کو بات کرنے کی مجال نہ ہوگی سوائے یہ کہ اللہ کی اجازت سے کچھ عرض کرے۔

سورة النبأ ( 78 )

يَوْمَ يَقُومُ الرُّوحُ وَالْمَلَائِكَةُ صَفًّا لَّا يَتَكَلَّمُونَ إِلَّا مَنْ أَذِنَ لَهُ الرحْمَنُ وَقَالَ صَوَابًا {38}

جس روز روح اور ملائکہ صف بستہ کھڑے ہونگے ، کوئی نہ بولے گا سوائے اُس کے جسے رحمٰن اجازت دے اور جو ٹھیک بات کہے۔

اس بارے میں تفہیم القرآن سے ایک اقتباس ملاحظہ ہو:

"وہاں کسی کے اڑ کر بیٹھ جانے اور اپنے متوسلین کو بخشوا کر چھوڑنے کا کیا سوال، کوئی بلا اجازت زبان تک نہ کھول سکے گا، اور اجازت بھی اس شرط کے ساتھ ملے گی کہ جس کے حق میں سفارش کا اذن ہو صرف اسی کے لیے سفارش کرے اور سفارش میں کوئی بے جا بات نہ کہے۔ نیز سفارش کی اجازت صرف ان لوگوں کے حق میں دی جائے گی جو دنیا میں کلمۂ حق کے قائل رہے ہیں اور محض گناہ گار ہیں۔ خدا کے باغی اور حق کے منکر کسی سفارش کے مستحق نہ ہوں گے۔"

تفہیم القرآن(تعارف سورۃ النباء)سید ابوالاعلی مودودی رحمۃ اللہ

دوسری حقیقت

اس معاملے میں دوسری بات ہمیں قرآن حکیم سے یہ معلوم ہوتی ہے کہ لِّلَّهِ الشَّفَاعَةُ جَمِيعًا سفارش ساری کی ساری اللہ ہی کے اختیار میں ہوگی یعنی سفارش وہ کر سکے گا جسے اللہ اجازت دے اور اسی کے حق میں کر سکے گا جس کے حق میں اللہ کی طرف سے اجازت دی جائے۔ اب اگر آپ ایک ہی بات پر غور فرمائیے تو آپ کا دل بھی پکار اٹھے گا کہ ایسا ہی ہونا چاہیے۔ دیکھیے قیامت کا دن وہ دن ہے جہاں انصاف ہوگا اور فیصلہ میرٹ پر ہوگا، اب اگر وہاں بھی فیصلوں میں اللہ کے سوا کچھ دوسری ہستیاں بذات خود اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہوں تو پھر انصاف کیونکر ہو سکے گا؟ مخلوق تو نام ہی محتاجی و کمزوری کا ہے۔ مخلوق اگر اپنے علم اور اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق فیصلہ کرے تو اس میں کتنی ہی کمزوریاں رہ جاتی ہیں جس علم، حکمت و دانائی اور حقیقت کی بنا پر اللہ العلیم و الخبیر مبنی بر انصاف فیصلہ فرمائے گا کیا اس کی کسی مخلوق سے توقع بھی کی جا سکتی ہے ؟ جیسا غنی و بے نیاز اللہ ہے کیا ایسا کوئی اور بھی ہے کہ جس کے انصاف پر کوئی اثر انداز نہ ہو سکے ؟ اور اگر ہم یہاں یہ کہیں کہ کوئی دوسری ذات بھی ایسی ہے جو اسی طرح انصاف کر سکتی ہے تو پھر لازم ہے کہ اس کے اندر بھی وہی صفات بالکل اسی طرح موجود ہونی چاہییں جو اللہ کی صفات ہیں۔ کیا کوئی بھی دوسرا ایسا ہے ؟ نہیں ناں۔۔۔؟ اور اگر کوئی ایسا سمجھے تو پھر اس کے لیے شرک کے ایک نہیں سینکڑوں دروازے کھل جاتے ہیں۔

کچھ آیات ملاحظہ ہوں:

سورة البقرة ( 2 )

۔۔۔مَن ذَا الَّذِي يَشْفَعُ عِنْدَهُ إِلاَّ بِإِذْنِهِ۔۔۔{255}

کون ہے جو اُس کی جناب میں اُس کی اجازت کے بغیر سفارش کر سکے ؟

سورة الزمر ( 39 )

أَمِ اتَّخَذُوا مِن دُونِ اللَّهِ شُفَعَاء قُلْ أَوَلَوْ كَانُوا لَا يَمْلِكُونَ شَيْئًا وَلَا يَعْقِلُونَ {43} قُل لِّلَّهِ الشَّفَاعَةُ جَمِيعًا لَّهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ثُمَّ إِلَيْهِ تُرْجَعُونَ {44} وَإِذَا ذُكِرَ اللَّهُ وَحْدَهُ اشْمَأَزَّتْ قُلُوبُ الَّذِينَ لَا يُؤْمِنُونَ بِالْآخِرَةِ وَإِذَا ذُكِرَ الَّذِينَ مِن دُونِهِ إِذَا هُمْ يَسْتَبْشِرُونَ {45}

کیا اُس اللہ کو چھوڑ کر ان لوگوں نے دُوسروں کو شفیع بنا رکھا ہے ؟ ان سے کہو کیا وہ شفاعت کریں گے خواہ اُن کے اختیار میں کچھ ہو نہ ہو اور وہ سمجھتے بھی نہ ہوں؟ کہو شفاعت ساری کی ساری اللہ کے اختیار میں ہے۔آسمانوں اور زمین کی بادشاہی کا وہی مالک ہے۔پھر اُسی کی طرف تم پلٹائے جانے والے ہو۔ جب اکیلے اللہ کا ذکر کیا جاتا ہے تو آخرت پر ایمان نہ رکھنے والوں کے دل کُڑھنے لگتے ہیں، اور جب اُس کے سوا دوسروں کا ذکر ہوتا ہے تو یکایک وہ خوشی سے کھِل اُٹھتے ہیں۔

شفاعت صرف وہ لوگ کر سکیں گے جنہیں اللہ اس کی اجازت دے گا:

سورة طه ( 20 )

يَوْمَئِذٍ لَّا تَنفَعُ الشَّفَاعَةُ إِلَّا مَنْ أَذِنَ لَهُ الرَّحْمَنُ وَرَضِيَ لَهُ قَوْلًا {109} يَعْلَمُ مَا بَيْنَ أَيْدِيهِمْ وَمَا خَلْفَهُمْ وَلَا يُحِيطُونَ بِهِ عِلْمًا {110}

اُس روز شفاعت کارگر نہ ہو گی، اِلاّ یہ کہ کسی کو رحمان اس کی اجازت دے اور اس کی بات سننا پسند کرے _______وہ لوگوں کا اگلا پچھلا سب حال جانتا ہے اور دوسروں کو اس کا پورا علم نہیں ہے۔

سورة يونس ( 10 )

إِنَّ رَبَّكُمُ اللّهُ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالأَرْضَ فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَى عَلَى الْعَرْشِ يُدَبِّرُ الأَمْرَ مَا مِن شَفِيعٍ إِلاَّ مِن بَعْدِ إِذْنِهِ ذَلِكُمُ اللّهُ رَبُّكُمْ فَاعْبُدُوهُ أَفَلاَ تَذَكَّرُونَ {3}

حقیقت یہ ہے کہ تمہارا رب وہی اللہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دنوں میں پیدا کیا، پھر تختِ سلطنت پر جلوہ گر ہو کر کائنات کا انتظام چلا رہا ہے۔ کوئی شفاعت (سفارش) کرنے والا نہیں ہے اِلاّ یہ کہ اُس کی اجازت کے بعد شفاعت کرے۔ یہی اللہ تمہارا رب ہے لہذا تم اسی کی عبادت کرو۔ پھر کیا تم ہوش میں نہ آؤ گے ؟

سورة الزخرف ( 43)

وَلَا يَمْلِكُ الَّذِينَ يَدْعُونَ مِن دُونِهِ الشَّفَاعَةَ إِلَّا مَن شَهِدَ بِالْحَقِّ وَهُمْ يَعْلَمُونَ {86}

اُس کو چھوڑ کر یہ لوگ جنہیں پکارتے ہیں وہ کسی شفاعت کا اختیار نہیں رکھتے ، اِلاّ یہ کہ کوئی علم کی بنا پر حق کی شہادت دے۔

سورة مريم ( 19 )

لَا يَمْلِكُونَ الشَّفَاعَةَ إِلَّا مَنِ اتَّخَذَ عِندَ الرَّحْمَنِ عَهْدًا {87}

اُس وقت لوگ کوئی سفارش لانے پر قادر نہ ہوں گے بجز اُس کے جس نے رحمان کے حضور سے پروانہ حاصل کر لیا ہو۔

فرشتوں کی سفارش کے بارے میں درج ذیل آیات کا مطالعہ فرمائیے :

سورة النجم ( 53 )

وَكَم مِّن مَّلَكٍ فِي السَّمَاوَاتِ لَا تُغْنِي شَفَاعَتُهُمْ شَيْئًا إِلَّا مِن بَعْدِ أَن يَأْذَنَ اللَّهُ لِمَن يَشَاء وَيَرْضَى {26}

آسمانوں میں کتنے ہی فرشتے موجود ہیں، اُن کی شفاعت کچھ بھی کام نہیں آسکتی جب تک کہ اللہ کسی ایسے شخص کے حق میں اُس کی اجازت نہ دے جس کے لئے وہ کوئی عرضداشت سننا چاہے اور اس کو پسند کرے۔

سورة الأنبياء ( 21 )

۔۔۔ وَلَا يَشْفَعُونَ إِلَّا لِمَنِ ارْتَضَى وَهُم مِّنْ خَشْيَتِهِ مُشْفِقُونَ {28}

وہ کسی کی سفارش نہیں کرتے۔ بجز اُس کے جس کے حق میں سفارش سننے پر اللہ راضی ہو، اور وہ اس کے خوف سے ڈرتے رہتے ہیں۔

ثابت ہوا کہ سفارش صرف وہ لوگ کر سکیں گے جنہیں اللہ کی اجازت حاصل ہو گی اور یہ ان لوگوں کے حق میں ہو گی جن کے بارے میں اللہ اجازت دے گااور جن کے حق میں اجازت دی جائے گی ان کے حق میں سفارش قبول بھی کی جائے گی:

سورة سبأ (34 )

قُلِ ادْعُوا الَّذِينَ زَعَمْتُم مِّن دُونِ اللَّهِ لَا يَمْلِكُونَ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ فِي السَّمَاوَاتِ وَلَا فِي الْأَرْضِ وَمَا لَهُمْ فِيهِمَا مِن شِرْكٍ وَمَا لَهُ مِنْهُم مِّن ظَهِيرٍ {22} وَلَا تَنفَعُ الشَّفَاعَةُ عِندَهُ إِلَّا لِمَنْ أَذِنَ لَهُ حَتَّى إِذَا فُزِّعَ عَن قُلُوبِهِمْ قَالُوا مَاذَا قَالَ رَبُّكُمْ قَالُوا الْحَقَّ وَهُوَ الْعَلِيُّ الْكَبِيرُ {23}

(اے نبی ﷺ ان مشرکین سے )کہو کہ پکار دیکھو اپنے اُن معبودوں کو جنہیں تم اللہ کے سوا اپنا معبود سمجھے بیٹھے ہو۔ وہ نہ آسمانوں میں کسی ذرّہ برابر چیز کے مالک ہیں نہ زمین میں۔ وہ آسمان و زمین کی ملکیّت میں شریک بھی نہیں ہیں۔ان میں سے کوئی اللہ کا مددگار بھی نہیں ہے اور اللہ کے حضور کوئی شفاعت بھی کسی کے لیے نافع نہیں ہو سکتی بجُز اُس شخص کے جس کے لیے اللہ نے سفارش کی اجازت دی ہو۔ حتٰی کہ جب لوگوں کے دلوں سے گھبراہٹ دُور ہوگی تو وہ (سفارش کرنے والوں سے ) پوچھیں گے کہ تمہارے رب نے کیا جواب دیا؟ وہ کہیں گے کہ ٹھیک جواب ملا ہے اور وہ بزرگ و برتر ہے۔

شفاعت پر اللہ ہی کے اذن و اختیار کی پابندی کیوں ہے ؟تفہیم القرآن سے ایک منتخب جامع اقتباس پیش خدمت ہے :

"فرشتے ہوں یا انبیاء یا اولیاء کسی کو بھی یہ معلوم نہیں اور نہیں ہو سکتا کہ کس کا ریکارڈ کیسا ہے ، کون دنیا میں کیا کرتا رہا ہے ، اور اللہ کی عدالت میں کس سیرت وکردار اور کیسی کیسی ذمہ داریوں کے بار لے کر آیا ہے۔ اس کے برعکس اللہ کوہر ایک کے پچھلے کارناموں اورکرتوتوں کا بھی علم ہے اوروہ یہ بھی جانتا ہے کہ اب اس کا موقف کیا ہے۔ نیک ہے تو کیسا نیک ہے اور مجرم ہے تو کے درجے کا مجرم ہے۔ معافی کے قابل ہے یا نہیں۔ پوری سزا کا مستحق ہے یا تخفیف و رعایت بھی اس کے ساتھ کی جا سکتی ہے۔ایسے میں یہ کیونکر صحیح ہو سکتا ہے کہ ملائکہ اور انبیاء اورصلحاء کو سفارش کی کھلی اجازت دے دی جائے اور ہر ایک جس کے حق میں جو سفارش چاہے کردے۔ ایک معمولی افسر اپنے ذرا سے محکمے میں اگر اپنے ہر دوست یا عزیز کی سفارشیں سننے لگے تو چار دن میں سارے محکمے کا ستیا ناس کر کے رکھ دے گا۔ پھر بھلا زمین و آسمان کے فرمانروا سے یہ کیسے توقع کی جا سکتی ہے کہ اس کے ہاں سفارشوں کا بازار گرم ہوگا، اور ہر ہر بزرگ جا جا کر جس کو چاہیں گے بخشوا لائیں گے ، درانحالیکہ ان میں سے کسی بزرگ کو بھی یہ معلوم نہیں کہ جن لو‍ گوں کی سفارش وہ کر رہے ہیں ان کے نامۂ اعمال کیسے ہیں۔ دنیا میں جو افسر کچھ بھی احساس ذمہ داری رکھتا ہو اس کی روش یہ ہوتی ہے کہ اگر اس کا کوئی دوست اس کے کسی قصور وار ماتحت کی سفارش لے کر جاتا ہے تو وہ اس سے کہتا ہے کہ آپ کو خبر نہیں ہے کہ یہ شخص کتنا کام چور، نا فرض شناس، رشوت خور اور خلق خدا کو تنگ کرنے والا ہے ، میں اس کے کرتوتوں سے واقف ہوں، اس لیے آپ براہ کرم مجھ سے اس کی سفارش نہ فرمائیں۔اسی چھوٹی سی مثال پر قیاس کر کے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ قرآن میں شفاعت کے متعلق جو قاعدہ بیان کیا گیا ہے وہ کس قدر صحیح، معقول اور مبنی بر انصاف ہے۔ہاں خدا کے ہاں شفاعت کا دروازہ بند نہ ہوگا۔ نیک بندے جو دنیا میں خلق خدا کے ساتھ ہمدردی کا برتاؤ کرنے کے عادی تھے انہیں آخرت میں بھی ہمدردی کا حق ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ لیکن وہ سفارش سے پہلے اجازت طلب کریں گے اور جس کے حق میں اللہ تعالی انہیں بولنے کی اجازت دے گا صرف اسی کے حق میں وہ سفارش کر سکیں گے۔ پھر سفارش کے لیے بھی شرط یہ ہو گی کہ وہ مناسب اور مبنی بر حق ہو، جیسا کہ وَقَالَ صَوَابًا(اور وہ بات ٹھیک کہے ) کا ارشاد ربانی صاف بتا رہا ہے۔ بونگی سفارشیں کرنے کی وہاں اجازت نہ ہوگی کہ ایک شخص دنیا میں سینکڑوں، ہزاروں بندگان خدا کے حقوق مار آیا ہو اور کوئی بزرگ اٹھ کر سفارش کر دیں کہ حضور اسے انعام سے سرفراز فرمائیں یہ میرا خاص آدمی ہے۔"

تفہیم القرآن از سید مودودی رحمہ اللہ تفسیر سورۃ طہ حاشیہ86

تاریخ سے انبیاء علیہم السلام کی کچھ مثالیں

اب ہم قرآن حکیم سے مخلوقات کی سب سے زیادہ برگزیدہ، جلیل القدر، محترم و معتبر اور عزت والی ہستیوں یعنی انبیاء اور رسولوں علیھم السلام کی مثالیں دیکھتے ہیں کہ کسی کی کامیابی یا ناکامی کے خدائی فیصلوں میں وہ کیا کر سکے۔مخلوق میں ان اعلی ترین ہستیوں کے اپنے پیارے بیٹے ،والد، بیویاں اور رشتہ دار اللہ کے عذاب اور جہنم کے مستحق ہوئے اور یہ لوگ ان کو بچانے کے لیے کچھ بھی نہ کر سکے۔کچھ آیات کا مطالعہ کیجیے اور بتلائیے کہ فیصلے کا تمام تر اختیار کس کے ہاتھ میں ہے۔کون بالا دست ہے اور کس کا حکم ہی آخری ہے ؟ دیکھیے اتنی بڑی بزرگ ہستیاں اپنے قریبی رشتہ داروں کو جن کے حق میں اللہ نے ناکامی کا فیصلہ کیا ، آگ سے نہ بچا سکیں اور اللہ ہی کا فیصلہ غالب آ کر رہا تو اللہ سے بغاوت کر کے ، کفر و شرک اور برائیوں میں مبتلا ہو کر کوئی کیسے کسی سے یہ امید لگا سکتا ہے کہ اس کی سفارش کر دی جائے گی اور اسے بخشوا دیا جائے گا۔کیا دنیا میں خود ہی کسی کو ولی یا بزرگ مان کر اپنا سفارشی بنا لینا اس بات کی دلیل ہے کہ اس شخص کو اللہ کی طرف سے اذن شفاعت مل کر رہے گا؟

آیات ملاحظہ ہوں:

سورة هود ( 11 )

وَهِيَ تَجْرِي بِهِمْ فِي مَوْجٍ كَالْجِبَالِ وَنَادَى نُوحٌ ابْنَهُ وَكَانَ فِي مَعْزِلٍ يَا بُنَيَّ ارْكَب مَّعَنَا وَلاَ تَكُن مَّعَ الْكَافِرِينَ {42} قَالَ سَآوِي إِلَى جَبَلٍ يَعْصِمُنِي مِنَ الْمَاء قَالَ لاَ عَاصِمَ الْيَوْمَ مِنْ أَمْرِ اللّهِ إِلاَّ مَن رَّحِمَ وَحَالَ بَيْنَهُمَا الْمَوْجُ فَكَانَ مِنَ الْمُغْرَقِينَ {43} وَقِيلَ يَا أَرْضُ ابْلَعِي مَاءكِ وَيَا سَمَاء أَقْلِعِي وَغِيضَ الْمَاء وَقُضِيَ الأَمْرُ وَاسْتَوَتْ عَلَى الْجُودِيِّ وَقِيلَ بُعْداً لِّلْقَوْمِ الظَّالِمِينَ {44} وَنَادَى نُوحٌ رَّبَّهُ فَقَالَ رَبِّ إِنَّ ابُنِي مِنْ أَهْلِي وَإِنَّ وَعْدَكَ الْحَقُّ وَأَنتَ أَحْكَمُ الْحَاكِمِينَ {45} قَالَ يَا نُوحُ إِنَّهُ لَيْسَ مِنْ أَهْلِكَ إِنَّهُ عَمَلٌ غَيْرُ صَالِحٍ فَلاَ تَسْأَلْنِ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ إِنِّي أَعِظُكَ أَن تَكُونَ مِنَ الْجَاهِلِينَ {46} قَالَ رَبِّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ أَنْ أَسْأَلَكَ مَا لَيْسَ لِي بِهِ عِلْمٌ وَإِلاَّ تَغْفِرْ لِي وَتَرْحَمْنِي أَكُن مِّنَ الْخَاسِرِينَ {47}

کشتی ان لوگوں کو لیے چلی جا رہی تھی اور ایک ایک موج پہاڑ کی طرح اُٹھ رہی تھی۔ نوح(علیہ السلام)کا بیٹا دور فاصلے پر تھا۔نوح(علیہ السلام) نے پکار کر کہا"بیٹا، ہمارے ساتھ سوار ہو جا، کافروں کے ساتھ نہ رہ۔"اس نے پلٹ کر جواب دیا"میں ابھی ایک پہاڑ پر چڑھا جاتا ہوں جو مجھے پانی سے بچا لے گا۔" نوح(علیہ السلام) نے کہا" آج کوئی چیز اللہ کے حکم سے بچانے والی نہیں ہے سوائے اِس کے کہ اللہ ہی کسی پر رحم فرمائے۔"اتنے میں ایک موج دونوں کے درمیان حائل ہو گئی اور وہ بھی ڈوبنے والوں میں شامل ہو گیا۔

حکم ہوا"اے زمین، اپنا سارا پانی نگل جا اور اے آسمان رُک جا۔" چنانچہ پانی زمین میں بیٹھ گیا، فیصلہ چکا دیا گیا، کشتی جُودی پر ٹِک گئی، اور کہہ دیا گیا کہ دور ہوئی ظالموں کی قوم!

نوح(علیہ السلام)نے اپنے رب کو پکارا۔کہا"اے رب، میرا بیٹا میرے گھر والوں میں سے ہے اور تیرا وعدہ سچا ہے اور تو سب حاکموں سے بڑا اور بہتر حاکم ہے۔"جواب میں ارشاد ہوا"اے نوح، وہ تیرے گھر والوں میں سے نہیں ہے ، وہ تو ایک بگڑا ہوا کام ہے ،لہذا تو اُس بات کی مجھ سے درخواست نہ کرجس کی حقیقت تو نہیں جانتا، میں تجھے نصیحت کرتا ہوں کہ اپنے آپ کو جاہلوں کی طرح نہ بنا لے۔"نوح(علیہ السلام) نے فوراً عرض کیا"اے میرے رب، میں تیری پناہ مانگتا ہوں اِس سے کہ وہ چیز تجھ سے مانگوں جس کا مجھے علم نہیں۔ اگر تو نے مجھے معاف نہ کیا اور رحم نہ فرمایا تو میں برباد ہو جاؤں گا۔"

سورة التحريم (66)

ضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا لِّلَّذِينَ كَفَرُوا اِمْرَأَةَ نُوحٍ وَاِمْرَأَةَ لُوطٍ كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَيْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَيْنِ فَخَانَتَاهُمَا فَلَمْ يُغْنِيَا عَنْهُمَا مِنَ اللَّهِ شَيْئًا وَقِيلَ ادْخُلَا النَّارَ مَعَ الدَّاخِلِينَ {10}

اللہ کافروں کے معاملے میں نوح(علیہ السلام) اور لوط(علیہ السلام) کی بیویوں کو بطور مثال پیش کرتا ہے۔ وہ ہمارے دو صالح بندوں کی زوجیت میں تھیں، مگر انھوں نے اپنے اُن شوہروں سے خیانت کی اور وہ اللہ کے مقابلہ میں اُن کے کچھ بھی کام نہ آ سکے۔دونوں سے کہہ دیا گیا جاؤ آگ میں جانے والوں کے ساتھ تم بھی چلی جاؤ۔

سورة التوبة ( 9 )

مَا كَانَ لِلنَّبِيِّ وَالَّذِينَ آمَنُواْ أَن يَسْتَغْفِرُواْ لِلْمُشْرِكِينَ وَلَوْ كَانُواْ أُوْلِي قُرْبَى مِن بَعْدِ مَا تَبَيَّنَ لَهُمْ أَنَّهُمْ أَصْحَابُ الْجَحِيمِ {113} وَمَا كَانَ اسْتِغْفَارُ إِبْرَاهِيمَ لِأَبِيهِ إِلاَّ عَن مَّوْعِدَةٍ وَعَدَهَا إِيَّاهُ فَلَمَّا تَبَيَّنَ لَهُ أَنَّهُ عَدُوٌّ لِلّهِ تَبَرَّأَ مِنْهُ إِنَّ إِبْرَاهِيمَ لأوَّاهٌ حَلِيمٌ {114}

نبی(ﷺ) کو اور ان لوگوں کو جو ایمان لائے ہیں، زیبا نہیں ہے کہ مشرکوں کے لیے مغفرت کی دعا کریں، چاہے وہ ان کے رشتہ دار ہی کیوں نہ ہوں، جبکہ ان پر یہ بات کھل چکی ہے کہ وہ جہنم کے مستحق ہیں۔ ابراھیم(علیہ السلام)نے اپنے باپ کے لیے جو دعائے مغفرت کی تھی وہ تو اُس وعدے کی وجہ سے تھی جو اس نے اپنے باپ سے کیا تھا، مگر جب اس پر یہ بات کھل گئی کہ اس کا باپ اللہ کا دشمن ہے تو وہ اس سے بیزار ہو گیا،حق یہ ہے کہ ابراھیم(علیہ السلام)بڑا رقیق القلب و خدا ترس اور بردبار آدمی تھا۔

نوح علیہ السلام کا بیٹا ان کی آنکھوں کے سامنے ڈوب گیا اور اللہ نے اس کے حق میں دعا کرنے سے بھی روک دیا۔ان کی اور لوط علیہ السلام کی بیویاں آگ میں چلی گئیں اور اتنی بڑی ہستیوں کی زوجیت میں ہونا ان کے کسی کام نہ آیا، اور ابراھیم علیہ السلام کی اپنے والد سے اس لیے بیزاری و براءت کہ وہ اللہ کا دشمن تھا، کیا یہ سب ہماری آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی نہیں کہ فیصلوں کا اختیار بس اللہ ہی کو ہے ؟

نبیﷺ سے خطاب

اپنے چچا ابو طالب کے لیے ہمارے نبی ﷺ کی محبت اور تڑپ تو آپ کو یاد ہی ہوگی اب اللہ کا یہ حکم دیکھیے جن میں ہمارے نبیﷺ سے خطاب فرمایا جا رہا ہے :

سورة القصص ( 28 )

إِنَّكَ لَا تَهْدِي مَنْ أَحْبَبْتَ وَلَكِنَّ اللَّهَ يَهْدِي مَن يَشَاء وَهُوَ أَعْلَمُ بِالْمُهْتَدِينَ {56}

(اے نبی ﷺ) تم جسے چاہو اسے ہدایت نہیں دے سکتے ، مگر اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دے دیتا ہے اور وہ اُن لوگوں کو خوب جانتا ہے جو ہدایت قبول کرنے والے ہیں۔

منافقین کے بارے میں نبیﷺ سے خطاب کی کچھ اور آیات:

سورة المنافقون ( 63 )

سَوَاء عَلَيْهِمْ أَسْتَغْفَرْتَ لَهُمْ أَمْ لَمْ تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ لَن يَغْفِرَ اللَّهُ لَهُمْ إِنَّ اللَّهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الْفَاسِقِينَ {6}

اے نبی(ﷺ) تم چاہے ان کے لیے مغفرت کی دُعا کرو یا نہ کرو، ان کے لیے یکساں ہے ، اللہ ہرگز انہیں معاف نہ کرے گا، اللہ فاسق لوگوں کو ہرگز ہدایت نہیں دیتا۔

سورة التوبة ( 9 )

اسْتَغْفِرْ لَهُمْ أَوْ لاَ تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ إِن تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ سَبْعِينَ مَرَّةً فَلَن يَغْفِرَ اللّهُ لَهُمْ ذَلِكَ بِأَنَّهُمْ كَفَرُواْ بِاللّهِ وَرَسُولِهِ وَاللّهُ لاَ يَهْدِي الْقَوْمَ الْفَاسِقِينَ {80}

اے نبی(ﷺ) تم خواہ ایسے لوگوں کے لیے معافی کی درخواست کرو یا نہ کرو،اگر تم ستّر مرتبہ بھی انہیں معاف کر دینے کی درخواست کرو گے تو اللہ انہیں ہرگز معاف نہ کرے گا۔ اس لیے کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول(ﷺ) کے ساتھ کفر کیا ہے ، اور اللہ فاسق لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔

سورة النساء (4)

وَلاَ تَكُن لِّلْخَآئِنِينَ خَصِيمًا {105} وَاسْتَغْفِرِ اللّهِ إِنَّ اللّهَ كَانَ غَفُورًا رَّحِيمًا {106} وَلاَ تُجَادِلْ عَنِ الَّذِينَ يَخْتَانُونَ أَنفُسَهُمْ إِنَّ اللّهَ لاَ يُحِبُّ مَن كَانَ خَوَّانًا أَثِيمًا {107}

تم بد دیانت لوگوں کی طرف سے جھگڑنے والے نہ بنو اور اللہ سے درگزر کی درخواست کرو، وہ بڑا درگزر فرمانے والا اور رحیم ہے۔ جو لوگ اپنے نفس سے خیانت کرتے ہیں تم ان کی حمایت نہ کرو۔ اللہ کو ایسا شخص پسند نہیں ہے جو خیانت کار او ر معصیت پیشہ ہو۔

اور نبی ﷺ سے خطاب کرتی ذیل کی آیت تو ایک سیدھی اور صاف حجت ہے ان لوگوں کے لیے جو اللہ کے ہاں مجرموں کی حیثیت سے حاضر ہوں گے کہ ان کے لیے کوئی سفارش نہ ہوگی:

سورة النساء (4)

هَاأَنتُمْ هَـؤُلاء جَادَلْتُمْ عَنْهُمْ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا فَمَن يُجَادِلُ اللّهَ عَنْهُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ أَم مَّن يَكُونُ عَلَيْهِمْ وَكِيلاً {109}

ہاں، تم نے ان مجرموں کی طرف سے دنیا کی زندگی میں تو جھگڑا کر لیا، مگر قیامت کے روز اِن کے لیے اللہ سے کون جھگڑا کرے گا؟ آخر وہاں کون ان کا وکیل ہو گا؟

اور حضرت عیسی علیہ السلام ، ان کی والدہ حضرت مریم علیھا السلام اور سارے اہل زمین کے بارے میں یہ آیت کیا کہہ رہی ہے کہ اللہ کتنا ہی با اختیار اور طاقت ور ہے اور جن سے خطاب فرمایا جا رہا ہے وہ کتنے بے اختیار اور کمزور ہیں:

سورة المائدة ( 5 )

۔۔۔قُلْ فَمَن يَمْلِكُ مِنَ اللّهِ شَيْئًا إِنْ أَرَادَ أَن يُهْلِكَ الْمَسِيحَ ابْنَ مَرْيَمَ وَأُمَّهُ وَمَن فِي الأَرْضِ جَمِيعًا۔۔۔{17}

اے نبی(ﷺ)!ان سے کہو اگر اللہ مسیح ابن مریم اور اس کی ماں کو اور ساری زمین میں بسنے والوں کو ہلاک کرنا چاہے تو کس کی مجال ہے کہ اسے اس ارادے سے روک سکے

اگر اتنے جلیل القدر انبیاء اور رسولوں علیہم السلام کا اس معاملے میں یہ حال ہے تو کسی دوسرے کے معاملے میں کون یہ طے کر سکتا ہے کہ وہ ولی اور برگزیدہ بزرگ ہے اور ایسا طاقتور ہے کہ بس ہمارا کام بنا کر ہی چھوڑے گا۔ اس کا تو اپنا مقدمہ بھی اسی عدالت میں جانا ہے جس میں ہمارا مقدمہ جائے گا۔اگر وہ خود کامیاب ہو بھی جائے تو اس کی کیا دلیل ہے کہ اسے اللہ شفاعت کی اجازت بھی دے گا۔ آپ کیا کہیں گے اس طالب علم کے بارے میں جو امتحان کی تیاری اور محنت بالکل چھوڑ دے اور کمرۂ امتحان میں جوابی پرچے پر کچھ بھی نہ لکھے یا غلط لکھے اور بس رعایتی نمبروں کی امید پر بیٹھا ہو اور وہ امید بھی ممتحن کے بجائے اس سے لگائے جو خود اسی کمرہ میں بیٹھا امتحان دے رہا ہو، جبکہ حقیقت میں اس کی مدد کرنے والا کوئی بھی نہ ہو؟ جہاں انبیاء اور رسول علیھم السلام نفسی نفسی پکار رہے ہوں گے وہاں کسی دوسرے سے امید لگانا مہلک نادانی نہیں تو اور کیا ہے ؟

درج بالا آیات کے تناظر میں دیکھیے تو معلوم ہوتا ہے کہ جو لوگ اللہ کے سوا دوسروں سے دنیا اور آخرت میں امیدیں باندھتے ہیں اور انہیں صاحب اختیار اور قسمتیں بنانے اور بگاڑنے والے سمجھتے ہیں وہ محض وہم و گمان اور جھوٹ کی پیروی کرتے ہیں اور ان کی امیدیں ایک دن غلط ثابت ہوں گی۔سچائی تو یہ ہے کہ أَلاَ لَهُ الْخَلْقُ وَالأَمْرُ(خبردار رہو!اُسی کی خلق ہے اور اُسی کا امر ہے ) اللہ ہی نے تخلیق کیا ہے اور حکم بھی اسی کاہی چلتا ہے اور لاَ مُعَقِّبَ لِحُكْمِهِ کوئی اس کے فیصلوں پر نظر ثانی کرنے والا نہیں ہے۔

تفہیم القرآن سے ایک اقتباس ملاحظہ ہو:

"کائنات کے گوشے گوشے میں ہر وقت ہر آن جو کچھ ہو رہا ہے براہ راست اللہ کے حکم و اذن سے ہو رہا ہے۔دنیا کی تدبیر و انتظام میں کسی دوسرے کا دخیل ہونا تو درکنار کوئی اتنا اختیار بھی نہیں رکھتا کہ خدا سے سفارش کر کے اس کا کوئی فیصلہ بدلوا دے یا کسی کی قسمت بنوا دے یا بگڑوا دے۔زیادہ سے زیادہ کوئی جو کچھ کر سکتا ہے وہ بس اتنا ہے کہ خدا سے دعا کرے ،مگر اس دعا کا قبول ہونا یا نہ ہونا بالکل اللہ کی مرضی پر منحصر ہے۔ خدا کی خدائی میں اتنا زوردار کوئی نہیں ہے کہ اس کی بات چل کر رہے اور اس کی سفارش ٹل نہ سکے اور وہ عرش کا پایہ پکڑ کر بیٹھ جائے اور اپنی بات منوا کر ہی رہے۔"

تفہیم القرآن(سید ابوالاعلی مودودی رحمتہ اللہ ) تفسیر سورۃ یونس حاشیہ4-5

(اگرچہ یہ بات موضوع سے متعلق نہیں لیکن بات اہم ہے اس لیے برسبیل تذکرہ ہم آپ کو یہ بھی بتلاتے چلیں کہ انہی آیات سے ہمیں ایک بات یہ بھی معلوم ہوتی ہے کہ کسی داعی الی اللہ پر یہ اعتراض کرنا ہرگز ٹھیک نہیں کہ "اجی اس کی تو اپنی بیوی یا بیٹا یا والدین یا رشتہ دار اس کی بات نہیں مانتے "ہدایت اللہ ہی کے اختیار میں ہے۔اگر انبیاء علیہم السلام کے ساتھ یہ معاملہ رہا تو ان میں کوئی کمی تھوڑی تھی اور ان کے کردار و اسلوب دعوت کے مقابلہ میں کوئی بھی دوسرا کیا حیثیت رکھتا ہے۔تو اپنوں کا ماننا یا نہ ماننا دعوت کے حق یا جھوٹا ہونے کا ثبوت ہرگز نہیں۔ ہمارے نبی ﷺ سے جنگیں کرنے والے بھی تو آپ کے اپنے ہی تھے۔لہذا کسی پر ایسا اعتراض کہ اس کے تو اپنے نہیں مانتے جہالت کے سوا اور کچھ بھی نہیں۔)

اب انسانوں کے گھڑے ہوئے ایک جھوٹ اور شرک کے ایک بڑے ذریعے یعنی خود ساختہ سفارشیوں کے اختیار کے بارے میں اس قرآنی آیت پر غور فرمائیے :

سورة يونس ( 10 )

وَيَعْبُدُونَ مِن دُونِ الهِ1 مَا لاَ يَضُرُّهُمْ وَلاَ يَنفَعُهُمْ وَيَقُولُونَ هَـؤُلاء شُفَعَاؤُنَا عِندَ اللّهِ قُلْ أَتُنَبِّئُونَ اللّهَ بِمَا لاَ يَعْلَمُ فِي السَّمَاوَاتِ وَلاَ فِي الأَرْضِ سُبْحَانَهُ وَتَعَالَى عَمَّا يُشْرِكُونَ {18}

اور یہ لوگ اللہ کے سوا اُن کی پرستش کر رہے ہیں جو ان کونہ نقصان پہنچا سکتے ہیں نہ نفع ، اور کہتے ہیں کہ یہ اللہ کے ہاں ہمارے سفارشی ہیں۔ اے نبی(ﷺ) ، ان سے کہو" کیا تم اللہ کو اُس بات کی خبر دیتے ہو جسے وہ نہ آسمانوں میں جانتا ہے نہ زمین میں؟" پاک ہے وہ اور بالا و برتر ہے اُس شرک سے جو یہ لوگ کرتے ہیں۔

تفہیم القرآن سے ہی ایک اور اقتباس ملاحظہ ہو:

"یعنی ان لوگوں نے اپنے طور پر خود ہی یہ فرض کر لیا ہے کہ کچھ ہستیاں اللہ کے ہاں بڑ ی زور آور ہیں جن کی سفارش کس طرح ٹل نہیں سکتی، حالانکہ نہ اللہ تعالی نے کبھی یہ فرمایا ہے کہ ان کو میرے ہاں یہ مرتبہ حاصل ہے ، اور نہ خود ان ہستیوں نے کبھی یہ دعوی کیا کہ ہم اپنے زور سے تمہارے سارے کام بنوا دیا کریں گے۔اس پر مزید حماقت ان لوگوں کی یہ ہے کہ اصل مالک کو چھوڑ کر ان فرضی سفارشیوں ہی کو سب کچھ سمجھ بیٹھے ہیں اور ان کی ساری نیاز مندیاں انہی کے لیے وقف ہیں۔حالانکہ کس کا یہ زور نہیں کہ اللہ تعالی کے حضور میں خود سفارشی بن کر اٹھ ہی سکے ، کجا کہ اپنی سفارش منوا لینے کی طاقت بھی اس میں ہو۔ یہ بات تو بالکل اللہ کے اختیار میں ہے کہ جسے چاہے سفارش کی اجازت دے اور جسے چاہے نہ دے۔ اور جس کے حق میں چاہے کسی کو سفارش کرنے دے اور جس کے حق میں چاہے نہ کرنے دے۔"

تفہیم القرآن (سید ابوالاعلی مودودی رحمتہ اللہ علیہ) تفسیر سورۃ الزمر حاشیہ62-63

خلاصہ یہ کہ شفاعت گناہگار مومنین موحدین پر اللہ کی خاص رحمت اور ان کے حق میں اللہ ہی کے فیصلے کا حصہ ہے۔شفاعت سے خدا کا کوئی فیصلہ بدلا نہیں جا سکتا اور نہ ہی یہ ممکن ہے کہ اللہ تو کسی کو سزا دینا چاہے اور کوئی دوسرا اسے چھڑا لے جائے۔اسی لیے شفاعت ساری کی ساری اللہ ہی کے اختیار میں ہے۔شفاعت کرنے والوں کو اللہ قیامت کی عدالت میں ساری خلقت کے سامنے بہت بڑی عزت سے نوازے گا۔اور انہیں سفارش کرنے کا مقام عطا فرما کر یہ ثابت کر دیا جائے گا کہ مخلوق میں معزز ترین وہی ہیں۔شفاعت کرنے اور پانے دونوں کے لیے اللہ کی اجازت ضروری ہے اور اللہ کی طرف سے شفاعت کی اجازت صرف انہی مومن و موحد لوگوں کے حق میں دی جائے گی جو خلوص سے کلمۂ توحید کے قائل رہے ہوں اور شرک پر نہ مرے ہوں کیونکہ شرک ناقابل معافی گناہ ہے۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

اسعد الناس بشفاعتی یوم القیامہ من قال لا الہ الا اللہ خالصا من قلبہ اونفسہ

"قیامت کے روز میری شفاعت سے فیض یاب ہونے والے وہ خوش نصیب لوگ ہیں، جنہوں نے خلوص دل سے اور جی جان سے لا الہ الا اللہ کا اقرار کیا۔"
رواہ بخاری

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہی روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا:

"ہر نبی کی ایک دعا ایسی ہے جو ضرور قبول ہوتی ہے ہر نبی نے جلدی کی اور (دنیا میں ہی)وہ مانگ لی جبکہ میں نے اپنی دعا قیامت کے روز اپنی امت کی شفاعت کے لئے محفوظ کر رکھی ہے میری یہ سفارش ہر اس آدمی کو پہنچے گی جس نے اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہرایا۔"
رواہ مسلم

ہم نے حضرت محمدﷺ کا کلمہ پڑھا ہے اللہ ہمیں آپﷺ کے امتی ہونے کے عہدو اعزاز کو مرتے دم تک نبھانے کی توفیق عطا فرمائے اور قیامت کے دن آپﷺ کی شفاعت کے مستحق امتی ہونے کی حیثیت سے ہی اٹھائے۔کتنی ہی احادیث پڑھ کر دل لرز اٹھتا ہے جن میں یہ بیان ہے کہ آپﷺ کے کچھ امتی حوض کوثر پر آپﷺ کی طرف بڑھنا چاہیں لیکن فرشتے انہیں یہ کہہ کر روک دیں گے کہ ان کا آپﷺ سے کوئی تعلق نہیں اور کتنی ہی احادیث ایسی ہیں جن میں نبیﷺ نے خود یہ فرمایا کہ جس نے یہ اور یہ کام کیے فلیس منا وہ ہم میں سے نہیں۔ اللہ ہمیں آپﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے۔

اللہ کی اجازت سے اس عزت افزائی یعنی سفارش یا شفاعت کبری کی ابتداء شفیع اعظم جناب نبیﷺ سے ہوگی اور علماء یہ کہتے ہیں کہ یہ بھی آپ ﷺ کا مقام محمود پر فائز کیا جانا یا اس کا ایک حصہ ہے۔پھر دیگر انبیاء، صدیقین،شہداء،صالحین ، اولیاء، اہل ایمان اور ملائکہ اللہ کی اجازت سے شفاعت فرمائیں گے۔ جو لوگ توحید پر ایمان لاتے ہیں اور شرک نہیں کرتے اللہ کی ان سے محبت و رحم کا معاملہ دیکھیے کہ ایک وقت وہ آئے گا کہ روزہ، قرآن ، جنت ،جہنم، قرآن کی مختلف سورتیں(جیسے سورہ ال عمران،ا لبقرہ،ملک) بھی ان کے حق میں اللہ سے سفارش کریں گی۔آخر میں اللہ خود بھی لوگوں کو جہنم سے نکالے گا اور اللہ کی رحمت سے ایک وقت وہ آئے گا کہ کوئی بھی کلمہ گو موحد جہنم میں نہ رہے گا،جس کے دل میں رتی برابر بھی ایما ن ہو گا وہ بھی اپنی سزا بھگتنے کے بعد اللہ کی رحمت سے جنت میں جائے گا۔اور جہنم میں صرف وہ لوگ رہ جائیں گے جنہیں قرآن روک دے گا مثلاً کافر اور مشرک۔ہمیں یہ سفارشیں پانے والے مختلف اعمال بھی بتلائے گئے ہیں مثلاً اذان سننے کے بعد کی دعا، دس مرتبہ صبح ، دس مرتبہ شام نبیﷺ پر درود بھیجنا، روزے رکھنا، نوافل، سورۃ ملک، بقرہ، ال عمران اور قرآن کی بکثرت تلاوت، اللہ سے تین مرتبہ جنت طلب کرنا اور تین مرتبہ جہنم سے پناہ مانگنا وغیرہ لیکن شرط یہ ہے کہ ہم سچے دل سے توحید کے قائل ہوں، شرک نہ کرتے ہوں، شفاعت کا صحیح عقیدہ رکھتے ہوں اور اس کے منکر نہ ہوں۔اللہ ہمارے عقائد درست فرمائے ، حق کو ہم پر واضح کر ے اور اپنی اس رحمت یعنی شفاعت میں ہمیں بھی حصہ دار بنائے۔(آمین)

آئیے اختتام میں اللہ سے کچھ دعائیں مانگتے ہیں۔

اللهم انی اعوذبک ان اشرک بک لم اعلم و استغفرک لم لا اعلم
اے اللہ میں اس سے تیری پناہ مانگتا ہوں کہ تیرے ساتھ جانتے بوجھتے کسی کو شریک کروں اور تجھ سے معافی مانگتا ہوں اس شرک کے لیے جو مجھ سے انجانے میں ہو جائے
اللهم رزقنا شفاعته يوم القيامه
اے اللہ ہمیں قیامت کے دن حضرت محمدﷺ کی شفاعت نصیب فرمانا۔(آمین)
٭٭٭

تشکر: مصنف جنہوں نے فائل فراہم کی
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

شفاعت کا عقیدہ