افسانے، ناول و کہانیاں

شہرِ حقیقت میں کہانی لکھنا

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (51,126 الفاظ)

شہرِ حقیقت میں کہانی لکھنا

سید اسد علی

I belong to God , as has often been shown;
Yet I also belong to myself.
He becomes himself through me.
I live in him and I live in myself.
I have two aspects, he and I, divine and human.
But he is no I, and I am not he.
My actions are the theatre in which he expresses himself;
To him I'm a vessel.
(Ibn-Arabi: Fusus Al-Hikam)

To Him I'm a Vessel

میری کہانی کچھ ان سے مختلف نہیں تھی۔ ۔ ۔ وہ جو ہر معاشرے میں بے شمار ہوتے ہیں۔ پیرس کی یونیورسٹیوں، نیویارک کی سڑکوں، لاہور کے چھوٹے چھوٹے کرائے کے کمروں میں بھرے ہوتے ہیں۔ وہ جن کی آنکھوں میں بڑے بڑے خواب اترتے ہیں۔ اتنے بڑے کہ ان کے ناتواں جسم جن کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے اور لڑکھڑاتے ہوئے چلتے ہیں۔ ایسے میں ان کی زندگیاں ہوا کے رخ پر رکھے چراغوں سے زیادہ بے اعتبار ہوتی ہیں۔
اور یہ لوگ بہت ناراض ہوتے ہیں۔ ان کی ناراضی ان کے خوابوں سے بھی بڑی ہوتی ہے۔ اتنی بڑی کہ وہ انکی ساری سوچ کو گھیر لیتی ہے۔ انہیں یقین ہوتا ہے کہ انکے عہد، انکے ملک، انکے لوگوں نے کوئی بہت بڑی ناانصافی کر ڈالی ہے۔ کوئی انہیں سمجھ نہیں پایا ہے۔ اپنی کم مائیگی کی وجہ وہ شعورِ زمانہ کی تنگ نظری میں ڈھونڈتے ہیں اور کوسنے دیتے بڑھیا کی سی غیر منطقیت سے ہر موجود شئے کو مطعون کئے جاتے ہیں۔
’’زمانے کو برا نہ کہو۔ ۔ ۔ ۔ زمانہ خدا ہے۔ ‘‘
اور خدا بے انصاف نہیں ہو سکتا۔ صرف ہم اس حقیقت کو جانتے نہیں ہیں۔ ہم سمجھ نہیں سکتے کہ زمانے کی بے انصافی کا شکوہ کرنے والا کیسے کفر کا مرتکب ہوتا ہے۔
میں بھی انہی کی طرح ایک بھٹکا ہوا، ناراض اور جھنجلایا ہوا فنکار تھا۔ مجھے لگتا تھا جیسے مجھ سا مصور کوئی پیدا نہ ہوا ہو گا۔ جب میں اپنے رنگ اٹھائے کینوس کے سامنے کھڑا ہوتا تو اردگرد کی معمولی کائنات معدوم ہو جاتی۔ الوہی شبیہوں اور آفاقی رنگوں کا ایک طوفانِ عظیم مجھے بھگونے لگتا۔ میں اس سمندر میں گھاس کے تنکے کی طرح بہتا رہتا اور کینوس پر تصویریں بکھرتی جاتیں۔ کبھی کبھی تو کوئی موج مجھے اتنی گہرائی میں لے جاتی جہاں یہ سارا سمندر ہی معدوم ہوتا نظر آتا۔ جہاں سراب حقیقت میں کچھ اس طرح پیوست ہو جاتے کہ میرا یقین اپنے آپ پر سے بھی اٹھنے لگتا۔ ایک جگہ جہاں مجھے خبر ہوتی کہ گھاس کا ٹکڑا سمندر میں نہیں تیرتا ہے بلکہ سمندر اس گھاس کے ٹکڑے میں تیرتا ہے۔ مجھے اپنا آپ بہت طاقتور محسوس ہونے لگتا۔ شاید انہی لمحات میں کسی نے ’’انا الحق‘‘ کا نعرہ لگایا ہو گا۔ ۔ ۔ مگر یہ مقامِ قیام نہیں ہے۔ یہ تو عذاب دی گئی بستیوں کی مانند ہے جہاں سے استغفار پڑھتے ہوئے تیز تیز قدم اٹھاتے گذر جانے کا حکم ہے۔
اور ایسے نشہ آور لمحات میں حکم کی پروا کون کرتا ہے ؟ مگر میں یہاں سے کبھی آگے نہ جا پاتا۔ مجھے اچھی طرح معلوم تھا کہ یہاں سے آگے جانا بہت ممکن ہے مگر کوئی ’’میں ‘‘یہاں سے آگے نہیں جا سکتا۔ یہ وہ بوجھ ہے جسے اتار کر آگے بڑھنا پڑتا ہے۔ اور وہ جو اسے بوجھ نہیں اپنی حقیقت سمجھتے ہیں ان کے لئے یہی کائنات کا کنارا ہے۔ ۔ ۔ ایک بیکراں کائنات کا کنارا۔ عجیب مہمل سی بات ہے پر یہ میں اس وقت نہیں سمجھتا تھا کہ حدیں کائنات کی نہیں مخلوقات کی ہوتی ہیں۔ سمندر مچھلیوں کی حد ہے ، آسمانِ بالا شیاطین کی حد ہے ، سدرۃ المنتہی جبرائیل کی حد ہے۔ ۔ ۔ اور وہ جس کے پاس ہر حد سے گذر جانے کی طاقت ہے ایک ’’میں ‘‘سے چمٹا بیٹھا ہے۔
واپسی کے سفر کا کیا لکھوں؟آپ اپنی آنکھوں کے سامنے ایک چھوٹے سے گھاس کے ٹکڑے سے سمندر پھوٹتے دیکھتے ہو۔ اتنا پانی کہ جو بڑھتے بڑھتے گھاس کے ٹکڑے کو بھی اپنی آغوش میں لے لے اور پھر اسے چلائے پھرے۔ کبھی جو طغیانیوں میں لمحہ بھر کا توقف ہو تو یہ ٹکڑا سطح پر نمودار ہوتا ہے۔ کچھ اس طرح کہ اس کے ساتھ وہ کائی لپٹی ہے جو سمندروں کی تہہ میں جمی ہوتی ہے۔ وہ اسے ایک اعزاز کی مانند لپٹائے ہوئے پھرتا ہے۔ ۔ ۔ ایک ادنی سا گھاس کا تنکا اور یہ معراج کہ پاتال سے ہو آیا ہو۔ دنیا کے لئے تو اتنی حقیقت ماننا بھی آسان نہیں۔ اب انہیں کیسے بتائیں کہ سمندر کہاں سے پھوٹا؟ کون یقین کرے گا ایسی باتوں پر؟تو میں انہیں صرف وہی بتاؤں گا جسے وہ آسانی سے سمجھ سکیں۔ میں اس کائی کو اوڑھے ہوئے پھروں گا اور مجھے ایک زندگی کے لئے ضروری تقدس ملتا رہے گا۔
تو وہ کائی جو سمندروں کا essenceنہیں صرف ایک غیر اہم حصہ ہے لوگوں کے لئے متبرک اور اہم ٹھہرتی ہے۔ جیسے چاند سے لائی گئی مٹی، جیسے ماؤنٹ ایورسٹ پر گاڑا گیا کوئی جھنڈا۔ ۔ ۔ یہ سب لایعنی چیزیں ہیں مگر آپ نے مہم جوؤں کو عجب تفاخر سے ان کے ساتھ تصویریں بناتے دیکھا ہو گا۔ نجی محفلوں میں لوگ ان کے گرد جمع ہو کر انہیں اتنی اہمیت دیتے ہیں، حکومتیں انہیں اتنے بڑے بڑے اعزازات سے نوازتی ہیں کہ یہ اکڑی گردنیں بھی انہیں جچنے لگتی ہیں۔
مگر یہ مہم جو۔ ۔ ۔ صرف یہ لوگ جانتے ہیں کہ وہ اس مہم میں کتنے ناکام رہے ہیں۔ سمندروں کی گہرائیوں میں پہنچ جانا اور محض کائی لئے واپس آنا کیسی achievementہے ؟صرف ایک کوہ پیما کا دل ہی جانتا ہے کہ وہ ماؤنٹ ایورسٹ سے تہی دست لوٹا ہے۔ وہ واپس آ چکا ہے مگر پہاڑ کا سحر وہیں کھڑا ہے۔ وہ وہاں محض ایک چوٹی کو سر کرنے کے لئے تو نہیں گیا تھا۔ صرف ایک بلندی پر پہنچ جانے کے لئے زندگی کو داؤ پر لگا دینا بیکار بات ہے۔ یہ تو انسانیت کی روح میں گھلی پیاس ہے جو اسے یوں چلائے پھرتی ہے۔ یہ تو اس ازلی حقیقت کی تلاش ہے جو اسے ہر رفعت سر کرنے ، ہر گہرائی میں اتر جانے پر مجبور کرتی ہے۔
مگر وہ یہ بات اس وقت نہیں جانتے تھے۔ انہیں لگتا تھا کہ انہیں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا ہے تو بس اس لئے کہ’’It's out there‘‘۔ تو وہ لوگ مسکراتے ہوئے بیس کیمپ تک پہنچے۔ انکے چہرے اس وقت ایک عجیب حدت سے دہکتے تھے۔ ۔ ۔ اور پھر جب انچ انچ کھسکتے ہوئے وہ اس سفید دیو کو زیر کر رہے تھے ، جب ایک ایک کر کے ان کے ساتھی بچھڑ رہے تھے۔ ایسے میں ایک دن انہیں احساس ہوتا ہے۔ ۔ ۔ جیسے پہاڑ زندہ ہو گیا ہو، جیسے اس نے ان کے کانوں میں کوئی سرگوشی کی ہو۔ ایک سرگوشی جس میں کائنات اور زندگی کے سارے راز ان پر کھول دیے گئے ہوں۔ اب ایک بہت بڑے شکر سے ان کا دل لبریز ہو جاتا ہے۔ ان کی آنکھوں سے گرم آنسو نکلتے ہیں اور رخساروں پہ منجمد ہو جاتے ہیں۔ وہ بڑے فخر سے اپنی اس کامیابی کا جشن مناتے ہیں۔ وہ آئے تو تھے ایک لایعنی رفعت کو سر کرنے اور انہیں زندگی کا راز سمجھ آ گیا۔
وہ اس پہاڑ سے ایسے واپس آتے ہیں جیسے کبھی سینا سے موسیٰ اترے تھے۔ ۔ ۔ علم کے نور سے چمکتے ، نروان کی خوشبوؤں سے مہکتے۔ اور موسیٰ کی طرح ہی بھٹکے ہوئے مشتاق لوگوں کا جمِ غفیر ان کا استقبال کرتا ہے۔ لوگ جن کے لئے ان کا ایک ایک لفظ قیمتی ہے۔ لوگ جو انہیں اس امید سے دیکھتے ہیں جس سے صحرا کے قبائل پانی کی خبر لانے والے کو دیکھتے ہیں۔ تو ایسے میں ان کوہ پیماؤں کا دل مسرت سے بھر جاتا ہے۔ وہ انہیں بتا دینا چاہتے ہیں۔ سب کچھ جو انہوں نے سیکھا ہے مگر۔ ۔ ۔ اب انہیں خبر ہوتی ہے کہ دنیا کی کوئی زبان اس حقیقت کو بیان نہیں کر سکتی۔ یہ حقیقت سمجھنے کے لئے تو ہر ایک کو ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا پڑے گا۔ تشبیہیں، علامتیں، استعارے سب اپنی اثر انگیزی کھو بیٹھتے ہیں۔ وہ جان جاتے ہیں کہ پہاڑ ان سے دھوکہ کر گیا ہے۔ تو ایسے میں یہ لوگ اپنے استقبال کے لئے آئے لوگوں کی دلجوئی کو مسکراتے ہیں اور انکے دل پہ حسرتوں کے کارواں اترتے ہیں۔
مگر یہاں دل کی کون سنتا ہے ؟مداحین کا ایک جمِ غفیر ہے جو اس کامیابی پر جشن منا رہا ہے۔ بلند آہنگ آوازوں، رنگ و نور کے سیلاب کے بیچ بھلا دل کی کون سنتا ہے ؟اس لایعنی شور و غل کے بیچ کتنے اور مہم جو قسم کھاتے ہیں اور ان رفعتوں تک پہنچنے کی سعی کرتے ہیں جہاں پہلے کوئی نہ گیا ہو۔ میں ناکام لوٹنے والوں کی حسرت کا ذکر نہیں کروں گا مگر وہ جو کامیاب ہوئے اور سمندروں کی گہرائی سے کائی سمیٹ لائے ، جنہوں نے اونچے پہاڑوں پر جھنڈوں کا لامتناہی سلسلہ قائم کر دیا۔ وہ بہرحال یہ تو جان ہی جاتے ہیں کہ یہ کائی اتنی ہی بے حقیقت ہے جتنی وہ سمندر کی تہہ میں تھی اور یہ کہ کسی پہاڑ کو اپنا سحر مکمل کرنے کے لئے رنگ برنگ جھنڈوں کی ضرورت نہیں ہے۔
اور پھر زمانے کا موڈ بدلتا ہے اور یہی کارنامے کوڑیوں کے مول بکنے لگتے ہیں۔ تمام لوگ جنہوں نے اپنی زندگیاں اس تلاش میں گنوا دی تھیں پریشان ہو جاتے ہیں۔ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ کیا بدل گیا ہے ؟ وہ وہیں ہیں۔ وہ اب بھی پہلے سی محنت کر رہے ہیں۔ پھر انہیں پوجنے والے لوگ کیا ہوئے ؟جب کوئی جواب نہیں ملتا تو دل کے خوش رکھنے کو فلسفے تراشے جاتے ہیں۔ زمانے کی بے مہری کا گلہ کیا جاتا ہے۔ یہ سمجھا جاتا ہے کہ ہم سا فنکار تو کوئی ہے ہی نہیں۔ بس زمانہ ہی ہمیں سمجھ نہیں پایا۔ ۔ ۔ پر ایسا نہیں ہے۔ زمانہ بے رحم حد تک انصاف پسند ہے۔ وہ کبھی چاند پر قدم رکھنے والے دوسرے آدمی کو یاد نہیں رکھتا۔ اس کی نظر میں اہمیت صرف تخلیق کی ہے۔ اور اگر ہم ناکام ہیں تو ہمیں خود سے پوچھنا چاہیے کہ ہم کیا تخلیق کر رہے ہیں۔ ہم اس بنیادی بات کو سمجھ نہیں پاتے اور زمانہ بڑی سفاکی سے ہمیں نظر انداز کرتا چلا جاتا ہے۔
تو میری کہانی بھی انہی فنکاروں جیسی تھی۔ میں بھی دن رات اپنے رنگوں سے تصویریں بنانے میں لگا رہتا۔ ۔ ۔ تصویریں جو معاشرے کو جھنجھوڑ سکتی تھیں، دم بخود کر سکتی تھیں، حیران کر سکتی تھیں، جنہیں لاکھوں میں بکنا چاہیے تھا۔ لیکن ایسا کچھ نہ ہو سکا۔ مجھے یاد ہے وہ مایوسی جب میں نے اپنی پہلی نمائش کی۔ یہاں میرے اچھے خاصے پیسے بھی اٹھ گئے تھے۔ پر مجھے لگتا تھا کہ ہیرا جب تک کان کی گہرائیوں میں رہتا ہے تو اس میں اور کسی دوسرے پتھر میں کوئی فرق نہیں ہوتا۔ مگر جوہری کی نظر تک پہنچتے ہی وہ بیش قیمت ہو جاتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں غلط تھا۔ ہیرا کان کی گہرائیوں میں بھی ہیرا ہی ہوتا ہے اور اس وقت بھی وہ ایک پتھر ہی ہوتا ہے جب اسے خریدنے والے کروڑوں ڈالر کی بولی لگاتے ہیں۔ سارا کھیل تو اس value systemکا ہے۔
یہ نظام کاروباری طبقے کا پیدا کر دہ ہے۔ یہ لوگ جن کے قبضے میں آج سرمایہ، میڈیا اور حکومتوں جیسے طاقتور ہتھیار ہیں تخلیق پر یقین نہیں رکھتے۔ یا یوں کہ لیجئے کہ تخلیق کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے۔ تو انہوں نے اپنی مصنوعات کو بیچنے کے لئے ایک ingeniousطریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ ۔ ۔ ایک جھوٹا value system۔ یہ ہر چیز کی قیمت مقرر کر دیتے ہیں (اور ایسا کرتے ہوئے انہیں کسی اصول کی ضرورت نہیں پڑتی) اور پھر رول ماڈلز، میڈیا اور ڈیزائینرز کی مدد سے اسے نافذ کرنے میں کوشاں ہو جاتے ہیں۔ اور یہ سب اس لئے کہ یہ لوگ اپنی معمولی مصنوعات کو بار بار بیچ سکیں۔ اب اگر ایسے میں آپ چوڑے پنجوں والے جوتوں کے زمانے میں کہیں نوکدار جوتے پہن کر نکلو تو آپ کو بیوقوف اور قدامت پسند سمجھا جائے گا۔ آپ کا مذاق اڑایا جائے گا۔ اور یہ سب اتنے تیقن سے ہو گا کہ آپ کو لگے گا کہ واقعی نوکدار جوتے کوئی بیکار شئے ہیں۔ اور پھر کچھ ہی عرصہ میں فیشن بدلے گا اور یہی ناصحین نوکدار جوتے پہن کر گھومیں گے اور آپ سوچتے رہ جاؤ گے۔ اچھے لباس کو اس سے کوئی سروکار نہیں ہے کہ سبز رنگ اس سال’’In‘‘ہے یا نہیں، ٹراؤزر ک جو ت کا مطمع، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبیدے پائینچے کھلے ہیں یا تنگ، قمیض لمبی ہے یا چھوٹی۔ ۔ ۔ یہ تو بس موڈ ہے زمانے کا۔ اور موڈ کی کوئی منطق نہیں ہوتی ورنہ اس کے لئے ہمیں ایسا مہمل لفظ استعمال نہ کرنا پڑتا۔
لیکن منطق ہے۔ ۔ ۔ صرف ہم اسے دیکھ نہیں پاتے۔ اس لئے کہ یہ ہماری نظروں سے چھپا لی جاتی ہے۔ ہمارے اٹھائے گئے ہر سوال پر قیمتوں کا انڈیکس ہمارے سامنے رکھ دیا جاتا ہے۔ اور میں مانتا ہوں کہ انفرادی لوگ یہاں شرمناک حد تک مجبور ہیں۔ اگر آپ کچھ کاروباری سوج بوجھ رکھتے ہو تو میرا مشورہ یہی ہو گا کہ ان قیمتوں کو سٹاک مارکیٹ کی قیمتوں کی طرح ہمیشہ نظر کے سامنے رکھو، ان کے بننے والے لایعنی patternsکے مطالعہ میں عمریں صرف کر دو۔ اور اگر اس الجھی ڈور کا کوئی سرا ہاتھ آ جائے تو جتنا فائدہ اٹھا سکتے ہو اٹھا لو۔
مگر میں ایسا نہیں کر سکتا۔ مجھ سے بہت سے دوسرے ایسا نہیں کر سکتے۔ کہ ہم کاروبار نہیں کر رہے۔ ہم تو تخلیق کار ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ازلی حقیقتوں کی کھوج میں اترنے کے دعویدار ہیں۔ اور جب ہم قیمتوں پر نظر رکھ کر اپنی مصنوعات بناتے ہیں تو ہم فنکار نہیں رہتے دکاندار بن جاتے ہیں۔ ایک impressionismکی تحریک چلتی ہے اور ہر شخص اسی رنگ میں مصوری کرنے لگتا ہے۔ Picassoنے چند تجریدی تصویریں کیا بنا ڈالیں کہ ہر ایک علامتوں کی کھوج میں نکل کھڑا ہوا۔ ۔ ۔ اب تخلیق کاروبار میں ڈھل جاتی ہے اور اگر ایسے میں انہیں نروس بریک ڈاؤن ہونے لگے ، دل کے دورے پڑنے لگیں تو کوئی ان کے لئے کیا کر سکتا ہے۔ ۔ ۔ انہوں نے ایسی سرزمین پہ قدم رکھ دیا ہے جہاں فائدہ اور نقصان اکھٹے وصول کرنا پڑتے ہیں۔ دولت کو بدنامی اور بے غیرتی کے ساتھ رکھ کر سرد لہجے میں کہا جاتا ہے ’’Take it or leave it‘‘، شہرت کو تنہائی کے ساتھ مشروط کر دیا جاتا ہے اور عزت کی خواہش ہو تو منافقت کے اندھیروں کو دل میں اتارنا پڑتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ دوسری دنیا ہے۔ دکانداروں کی دنیا۔ یہاں نقصان بھی ہو گا اور فائدہ بھی۔ اور فنکار تو کبھی نقصان میں نہیں رہتا۔ لیکن یہ نکتہ میں اس وقت نہیں سمجھتا تھا۔
اس وقت تو میں بڑا ناراض تھا۔ مجھے ہر چہرہ اپنا دشمن محسوس ہوتا تھا۔ مجھے لگتا جیسے میرے گردن موڑتے ہی چہ مگوئیوں اور سازشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ میں نے کن اکھیوں سے دوسروں پر نظر رکھنی شروع کر دی۔ پر وہ سب مجھے ہمیشہ بڑے لاپروا، بڑے مصروف نظر آتے۔ میں اس وقت سمجھ نہیں سکتا تھا کہ وہ سب کیسے میرے جیسی بڑی حقیقت سے لاتعلق رہ سکتے ہیں؟اس لئے میں نے بس یہی سمجھا کہ وہ بہت ہوشیار ہیں اور انہیں پکڑنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ اور جب آپ ایک دفعہ اس قسم کی کوشش شروع کر دیتے ہو تو پھر بہتری کی کوئی امید نہیں رہتی۔ لوگوں کی ایسی ایسی خرابیوں کا انکشاف ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ رہتے ہوئے سانس گھٹتا ہے۔ لیکن یہ دنیا میرے اکیلے کے لئے تو نہیں بنائی گئی۔ شاید خالق کا مطمحِ نظر یہی ہے کہ ہم دوسروں کی برائیوں اور کمزوریوں کو نظر انداز کر دیں اور سکون سے زندگی گذاریں۔
تو اپنی پہلی نمائش کے دن میں بڑا تیار ہو کر گیا۔ تمام رات میں صحیح طرح سے سو بھی نہ سکا تھا۔ میں نے چند ایک خوبصورت سے جوابات بھی تیار کر رکھے تھے تاکہ لوگوں کو معلوم تو ہو سکے کہ میں کیسا دانشور ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پر اگر میں ایسا ہی دانشور تھا تو مجھے ان جوابات کو تیار کرنے کی ضرورت ہی کیا تھی؟ہم ایسے سوال خود سے کہاں پوچھتے ہیں؟ اور اگر غلطی سے پوچھ بھی لیں تو معمولی سی توجیہات پر مطمئن ہو جاتے ہیں۔ جیسے کہ میرے پاس خالص سونا ہے تو کیوں نہ اسے دلکش زیورات کی صورت ڈھال کر لوگوں کی دلچسپی بڑھائی جا سکے۔ یہ اور اس قسم کی دوسری دلیلیں جو سطحی طور پر ہمیں مطمئن کرنے کی طاقت رکھتی ہیں۔ ورنہ کوئی پوچھے کہ اگر خالص سونا کوئی قیمتی متاع ہے (میں تو اسے بھی مصنوعی value systemکی پیداوار سمجھتا ہوں) تو بھلا کیوں یہ لوگوں کو اپنی طرف نہیں کھینچ سکتا۔ ۔ ۔ تو مجھے اپنے جوابوں سے خود کو زیادہ سے زیادہ عاجز ظاہر کرنا تھا اور ساتھ میں بے پناہ دانش اور تدبر کا مرقع بھی۔ اور میں اس کھیل کے لئے تیار تھا۔
اس دن میں شام تک کھڑا رہا۔ بہت سے لوگ آئے اور تصویروں کے سامنے سے گزرتے چلے گئے۔ ان میں سے بہت سوں نے تو میری تصویروں پر دوسری نظر بھی نہ ڈالی۔ وہ ان کے سامنے سے ایسے گذر گئے جیسے کوئی تیز ریل گاڑی میں بیٹھے بیٹھے شہروں سے گذر جائے۔ ۔ ۔ ۔ اب یہاں جس چیز پر نظر ٹھہرے وہی مسافر کے لئے شہر کی علامت بن جاتی ہے۔ ایک ٹوٹا پھوٹا جھونپڑا نظر آیا تو سارا شہر غریب ٹھہرا، ایک سبز مزار کے بعد سارے شہر کے گرد تقدس کا ہالہ بن گیا اور کسی چمنی سے دھواں نکلنے پر اسے صنعتی شہر سمجھ لیا گیا۔ ۔ ۔ چند لمحوں میں کوئی شہر کو نہیں جان سکتا۔ اور ہم سمجھتے ہیں جیسے ان شہروں میں کوئی اسرار نہ ہو۔ جیسے یہ عام سے شہر ہوں۔ پر ہر شہر خاص ہوتا ہے۔ ۔ ۔ ایک بہت گنجلک کہانی ہوتا ہے۔
تو لوگ گذرتے رہے اور میرے خواب آنکھوں کی چوکھٹ سے ذرا پیچھے دھیرے دھیرے رونے لگے۔ ایسے میں مجھے کچھ پیشہ ور تماش بین بھی ملے۔ میں انہیں پیشہ ور اس لئے ک آ ہ رہا ہوں کہ ہر تصویر پر رکنا، اسے غور سے دیکھنا، اس کے بارے میں رائے دینا۔ ۔ ۔ وہ یہ سب اتنے تواتر اور ایسی سنجیدگی سے کر رہے تھے کہ مجھے بس ان کے لئے کوئی اور نام نہیں سوجھ رہا۔ ان کی آرا ان کی سنجیدگی کی طرح مصنوعی تھیں، پھیکی تھیں۔ جیسے ایک صاحب میری تصویر کے بارے میں کہنے لگے کہ
’’بوڑھے محنت کش کے کوٹ پر لگے سرخ بٹن اس کے اندر پھوٹتے جوالا مکھی کو ظاہر کر رہے ہیں۔ غصہ جو وہ صدیوں سے چھپائے بیٹھا تھا۔ غصہ جو اپنی ساری شدت سے عیاں بھی ہے اور کوٹ کے بٹن کی سی ضروری شئے کی صورت نہاں بھی‘‘۔
پر ایسا تھا تو نہیں۔ اس تصویر میں کوٹ کے بٹن لال تھے تو بس اس لئے کہ میرے ماڈل نے اس دن ایسا ہی کوٹ پہن رکھا تھا۔ اس کے پاس تو شاید کوئی اور کوٹ تھا بھی نہیں۔ اور جب آپ پرانے کپڑوں کے ڈھیر سے کوٹ چنتے ہو تو آپ کے پاس یہ luxuryنہیں ہوتی کہ رنگوں کو شخصیت کے مطابق چنا جا سکے۔ یہاں تو جو شئے جسم ڈھانپ لے وہی شخصیت کا حصہ بن جاتی ہے۔ اور پھر ان لوگوں کی شخصیت اتنی کمزور نہیں ہوتی کہ انہیں اپنے اظہار کے لئے رنگوں اور کپڑوں کی تراش جیسی مصنوعی چھڑیوں کے سہارے کی ضرورت پڑے۔
ایسی ہر رائے کے بعد میری الجھن بڑھتی جاتی۔ ’’یہ لوگ میری تصویریں تو نہیں دیکھ رہے۔ ہر ایک اس نمائیش میں دیکھنے کو اپنی تصویروں کو اٹھا لایا ہے۔ اب اس سے تو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کے سامنے کیا رکھا ہے ؟جب آپ دیکھنا ہی نہ چاہو تو آپ کچھ نہیں دیکھ سکتے۔ تو جب ہم سب موجود کے آئینے میں اپنی ہی تصویریں دیکھتے ہیں۔ ۔ ۔ تو پھر میں تصویریں کیوں بنا تا ہوں؟‘‘
یہ آسان سوال نہیں تھا۔ یہ ایسا سوال نہیں تھا جس کا کوئی واضح جواب دیا جا سکتا۔
’’تو پھر کیا کروں؟ کیا تصویریں بنانا چھوڑ دوں؟‘‘میں نے خود سے پوچھا۔
’’ہاں اگر تم انہی کو دکھانے کو تصویریں بناتے ہو تو ضرور چھوڑ دو۔ ایسا کرو کہ فلمی پوسٹرز کی دکان کھول لو، یا عریاں رسالے بیچنا شروع کر دو۔ لوگ بھی خوش اور تم بھی خوش۔ ۔ ۔ ۔ لیکن اگر تم تصویریں کسی اور وجہ سے بناتے ہوئے تو پھر؟‘‘
میں اس سوال کا جواب کیسے دیتا۔ اس کے لئے تو مجھے تحت الشعور کی گہرائیوں میں اترنا پڑتا۔ اور وہاں تو بڑا اندھیرا تھا۔ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دیتا تھا۔ میں وہاں سے کوئی معانی کیسے نکال لاتا۔ میں تو بس اتنا جانتا تھا کہ میں تصویریں بناتا تھا یا کچھ یوں تھا کہ جیسے تصویریں مجھ سے بن جاتی تھیں۔
’’My actions are the theatre in which he expresses himself; to him I'm a vessel.‘‘
تصویریں جو exorciseہوئے بھوتوں کی طرح پوری شدت سے کسی قریبی کمزور سے جسم پر آ وارد ہوتی ہیں۔ تصویریں جن پر آپ کا اختیار نہیں ہوتا۔ وہ اپنے رنگ، اپنی جہتیں، اپنی شبیہیں ساتھ لے کر آتی ہیں۔ بانسری کے سروں کو جاننا ہے تو پھونک مارنے والے کے دل میں جھانکنا ہو گا۔ تو ایسے میں میرا اقرار یا انکار بھلا کیا معانی رکھتا تھا۔ تو میں تصویریں بناتا رہا، نمائیشیں کرتا رہا، دوسرے درجے کے نقادوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ان کے پیچھے بھاگتا رہا اور اپنی اس لاچارگی پر اندر ہی اندر کڑھتا رہا۔
پھر وہ دن آیا۔ اور ہر زندگی میں ایسا دن آتا ہے۔ جب ہمارے ماضی میں بکھری لاتعداد شبیہیں ایک بہت بڑے شاہکار میں ڈھل جاتی ہیں۔ ہم جو اس سے پہلے اپنے گرد پھیلی لایعنیت پر پریشان بیٹھے تھے اب جان جاتے ہیں کہ کچھ بھی بے مقصد نہیں تھا۔ بس پہلے ہم سمجھتے نہیں تھے۔ اس دن میں مال روڈ پر جا رہا تھا۔ بڑی تیز بارش ہو رہی تھی۔ مجھے ٹھیک دو بجے ایک کالم نگار کے پاس پہنچنا تھا اس لئے کہیں اوٹ میں رکنے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ آخر کتنی منتوں کے بعد تو وہ اس ملاقات پر رضامند ہوا تھا اور پھر یہ امید بھی تھی کہ وہ اخبار میں میری چند سطری تعریف ہی لکھ ڈالے۔ میری برساتی نے کپڑوں کو بھیگنے سے تو بچا رکھا تھا مگر چہرہ اتنا بھیگ چکا تھا کہ پانی کے بوجھ سے آنکھیں کھولنا مشکل ہوتا جا رہا تھا۔ اس دن میں اپنے نصیب، پاکستان، ہر گاڑی والے کو کوستا بھاگے چلا جا رہا تھا کہ فٹ پاتھ پر پڑے کسی کیلے کے چھلکے وغیرہ سے میرا پاؤں پھسلا اور میں کمر کے بل زمین پر جا گرا۔
اب میں فٹ پاتھ پر لیٹا تھا اور میرے دل میں غلیظ گالیوں کا طوفان اٹھ رہا تھا۔ ابھی اٹھنے کا سوچ ہی رہا تھا کہ میری نظر اس منظر پر پڑی۔ میں نے دیکھا کہ میرے عین اوپر ایک درخت تھا۔ گہرا سبز اور بلند درخت۔ اس کے چاروں طرف بارش اس طرح گر رہی تھی کہ جیسے چاندی کی دیواریں ہوں۔ بیچ میں گھنے پتوں نے بارش کا رستہ روک رکھا تھا پر چند قطرے جو کسی نہ کسی طرح ان بھول بھلیوں سے نکل آئے تھے اور اب موتیوں کی صورت زمین پر گر رہے تھے۔ اور ایک نچلی شاخ پر دو بھیگے ہوئے پرندے بیٹھے تھے جن کی نظریں مجھ پر جمی تھیں۔
اور میں بھول گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں بھول گیا کہ میں گدلے پانی سے بھرے فٹ پاتھ پر پڑا تھا، میں بھول گیا کہ مجھے کہیں جانا تھا، میں تو اس کالم نگار کا نام تلک بھول گیا، مجھے تو یہ بھی یاد نہ رہا کہ میں تصویریں بناتا ہوں۔ تو میں بس بڑے سکون سے لیٹا تھا(ایسا سکون میں جس سے اب تک ناآشنا تھا)ا ور اسے دیکھتا تھا۔ میں نے زندگی میں اس سے خوبصورت اور معنی خیز منظر نہیں دیکھا تھا۔ یہ مجھے کسی بہت بڑے شاہکار سا لگ رہا تھا۔ ایسا شاہکار جس کے سامنے آپ چھوٹے ہو جاؤ اور پھر پوری کائنات اس شاہکار کی اوٹ میں چھپ جائے۔ بہت بڑا شاہکار جیسے Phidiasکا Zeus، جیسے Salvador Daliکی Persistence of memory، جیسے PicassoکیWoman by window۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پر نہیں یہ ان سے کہیں بڑا شاہکار تھا۔ اسے اپنا سحر قائم کرنے کے لئے Phidiasکی طرح وجود کو سات گنا بڑا نہیں کرنا پڑا تھا، اسے زندگی سے بالا مفاہیم ظاہر کرنے کے لئے Dali کی پگھلی ہوئی چٹائی کی طرح بچھی گھڑیوں کی ضرورت نہیں پڑی تھی، اسے علامتوں کی کھوج میں Picassoکی تکونی گردن والی عورت نہیں بننا پڑا تھا۔ ۔ ۔ سب کچھ اپنے اصل رنگ، اصل جسامت، اصل حالت میں تھا اور پھر بھی میں نے اس سا کبھی کچھ نہ دیکھا تھا۔
مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ میں کیا کروں؟کیسے اس منظر کو محفوظ کر لوں۔ کوئی کینوس اسے اس طرح تو زندہ نہ کر پائے گا۔ تو پھر کیا کروں؟جی میں آیا کہ سڑک کے بیچ کھڑا ہو جاؤں اور پکار پکار کر لوگوں کو اس منظر کی طرف بلاؤں۔ ۔ ۔ اس سے پہلے کہ بارش تھم جائے۔ اس سے پہلے کہ شاہکار فنا ہو جائے ، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ میں چاہتا تھا کہ انہیں بتاؤں
’’اس فٹ پاتھ پر لیٹ کر دیکھیے اور آپ CourbetاورVeldeسے Realist mastersکو بھول جائیں گے ‘‘۔
مگر جانتا تھا کہ کوئی نہیں آئے گا۔ یوں فٹ پاتھ پر لیٹنے سے تو لوگوں کے قیمتی کپڑے خراب ہو جائیں گے۔ ہمیں آرٹ سے بہت محبت ہے مگر ہم اس کے لئے اپنے کپڑے خراب نہیں کر سکتے ، بارش میں بھیگ نہیں سکتے ، وقت ضائع نہیں کر سکتے۔ ۔ ۔ ہم تو بس اس قابل ہیں کہ اس کی امید پر اکتفا کریں، اس کے سائے کو دیکھ کر شاداں رہیں، اس کے خواب میں زندہ رہیں اور خاموشی سے مہنگی آرٹ گیلریز کی ٹکٹیں خریدتے رہیں۔
ابھی کچھ دیر میں بادل ہار جائیں گے۔ تو یہ سارا فسوں غائب ہو جائے گا۔ اتنا بڑا شاہکار ہمیشہ کے لئے معدوم ہو جائے گا۔ میرے دل سے بھی گورکی کے کردار کی طرح آواز اٹھی
’’اتنی عمر جی چکا مگر میں نے انصاف کی ایک بوند نہیں دیکھی‘‘
اگر انصاف ہوتا تو یہ شاہکار یوں وقت کے ہاتھوں ضائع نہ ہوتا۔ اور وقت نے تو بہت کچھ برباد کر دیا۔ ہماری لاکھوں برس کی تاریخ نے چند تاریک غاروں پر بنی بے ڈھب تصویروں سے بہت زیادہ شاہکار تخلیق کئے ہوں گے مگر وقت نے انہیں ہم سے اوجھل رکھا۔ آج بھی گمنام فنکاروں کی کٹڑیوں میں ایسے شاہکار چھپے ہیں کہ مونا لیزا جیسی تصویروں کو بے وقعت کر سکیں۔ مگر انہیں کبھی کوئی آنکھ دیکھ نہیں پائے گی۔ وہ یونہی کوڑے کے ڈھیر پر پڑے سڑتے رہیں گے۔
یہ کیسا انصاف ہے ؟ کیا آرٹ صرف انہی شہ پاروں کا نام ہے جو خوش قسمتی سے وقت کی دستبرد سے بچنے میں کامیاب ہو گئے ؟ کیا شائقین تک پہنچنے سے پہلے وہ شاہکار نہیں ہوتے ؟اور وہ سارے گمنام فنکار جن کی تصویریں کسی نے نہیں دیکھیں (اور اگر دیکھی بھی ہیں تو حقارت اور بے دلی سے ) ، کیا ان کی زندگیاں بے معنی تھیں؟
ایسا ممکن نہیں ہے۔ ہاں اگر انصاف محض ایک خواب نہیں ہے تو ایسا ہونا ناممکن ہے۔ ۔ ۔ اور پھر جیسے مجھے رستہ سجھائی دینے لگا ہو۔ تخلیق کا تعلق تماش بینوں سے نہیں ہے۔ تخلیق کا تعلق تو ہماری دنیا سے بھی نہیں ہے۔ تخلیق کا تعلق ہماری روح سے ہے۔ روح جو اس مادی دنیا میں ایک اور دنیا کے خواب کی طرح رہتی ہے۔
تو جب ہم کچھ تخلیق کرتے ہیں تو درحقیقت اس روح کی کسی جہت کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ ایک اور دنیا سے رابطے میں ہوتے ہیں۔ ایک دنیا ہم جہاں سے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ اور یہاں تو ہم اجنبی ہیں۔ تو جب ایک پرت کھل جاتی ہے تو پھر اسے بند نہیں کیا جا سکتا۔ علم فنا نہیں ہو سکتا وہ تخلیق کار کے شعور کا حصہ بن جاتا ہے۔ ساری زندگی اس کے ساتھ رہتا ہے۔ تخلیق کار کے جسم سے معرفت کی خوشبو آتی ہے ، اس کی باتوں میں بڑی بڑی علامتیں اترتی ہیں ، اس کی آنکھوں میں انجانی دنیاؤں کی جھلک دکھائی پڑتی ہے۔ ۔ ۔ تو یہ شعور ساری زندگی اس کے ساتھ رہتا ہے اور وجدان کی صورت اس کی اولاد میں منتقل ہو جاتا ہے۔ اور اس طرح ہر تخلیق زمانے کے شعور کا حصہ بن جاتی ہے چاہے ہم تخلیق کار کو کوئی مرتبہ دیں یا نہ دیں۔
مگر ان کا کیا ہوا جن کی کوئی اولاد نہیں تھی؟جن کے لیکچر کسی کان نے نہ سنے ؟ جن کی تخلیق کبھی منظرِ عام پر نہ آ سکی؟ جنہوں نے سرگوشیوں میں بھی کبھی کسی سے اس کا ذکر نہ کیا؟ کیا وہ سب ضائع ہو گیا۔
اگر انصاف محض ایک خواب نہیں ہے تو ایسا ناممکن ہے۔ اللہ نے انسان میں اپنی روح پھونکی ہے
''When I have fashioned him(in due proportion) and breathed into him of my spirit, fall ye down in obeisance unto him." (Al-Hijr: 29)
تو روحِ انسانی الوہی روح کا پرتو ہے اور جس شئے پر اس کا سایہ پڑ جائے وہ فنا نہیں ہو سکتی۔ ایسے میں رائیگاں کا کیا سوال، کہاں کا زوال۔ روح کبھی نہیں مرتی۔ ہمیشہ زندہ رہتی ہے۔
''Weapons cleave it not, nor does the fire burn it. The waters wet it not, nor do the winds dry it up. This is impenetrable, incombustible, incapable of being moistened or dried up. It is undying, all-pervading, constant, immovable and eternal''
Gita (2,v23-24)

تو ہر تخلیق خودبخود روحِ انسانی کا حصہ بنتی جاتی ہے (جیسے ہماری انفرادی روح، روحِ انسانی کا حصہ ہے )۔ ہمیں اس کے لئے کچھ کوشش نہیں کرنا پڑتی۔ اور ہم بڑے عجیب لوگ ہیں۔ ہم اپنے عمل کی چھوٹی چھوٹی ذمہ داریوں سے بچنے کے لئے حیل و حجت کرتے ہیں اور کتنی نادانی سے بڑی بڑی خدائی ذمہ داریوں کا بوجھ محسوس کر کے دبے جاتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نہیں ان چیزوں کے لئے کچھ کوشش نہیں کرنا پڑتی۔ بس اپنے دل کے آئینے کو صاف کرنا ہوتا ہے اور ہم روحِ انسانی کے جلو میں چھپے ہر راز کو جان سکتے ہیں۔ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر وہ نروان جو گوتم بدھ کو برسوں کی ریاضت کے بعد ملا تھا اسے کس نے گوئٹے کے شعور میں اتار دیا؟انسان کیسے تحقیق کر دہ حقائق سے زیادہ جانتا ہے ؟ایسا کیوں ہوتا ہے کہ نئے زمانے کا تخلیق کار تمام پرانی علامتوں کو استعمال کرتا چلا جاتا ہے۔ ان مصوروں کی علامتیں جن کی تصویریں اس نے کبھی نہیں دیکھیں، ان شاعروں کی تشبیہات جن کے شعر اس نے کبھی نہیں سنے۔ ۔ ۔ صرف اس لئے کہ سچا تخلیق کار اپنے دل کی کھڑکی کھول لیتا ہے اور روح انسانی کی تازہ ہوا اس کے جسم کے بام و در میں دوڑتی پھرتی ہے۔
میں اس دن بہت دیر تک فٹ پاتھ پر لیٹا رہا۔ اتنی دیر تک کہ بارش تھم گئی۔ اتنی دیر تک کہ ان پرندوں کے پر خشک ہو گئے اور وہ کسی انجانی منزلوں کی طرف اڑ گئے۔ میں بھی اٹھا تو سیدھا گھر گیا اور اپنے سب رنگوں، کینوس اور ایزل کو کوڑے دان میں پھینک دیا۔ مجھے اب حقیقتِ حق کو Two dimensionalکینوس میں مقید کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ میں اب اپنے ذہن کے ہمہ جہت سٹوڈیو میں لافانی تصویریں بنا تا ہوں۔ یہ مائیکل اینجلو کے frescosسے کہیں زیادہ پر شکوہ، بامعنی اور پائیدار ہوتی ہیں۔ ہر شاہکار کی تکمیل کے ساتھ میری روح کی پیاس بجھتی رہتی ہے۔ اور ایک دن جب میں (اور مجھ میں، مجھ سے پہلے آنے والی ارب ہا زندگیاں اور میرے بعد آنے والی ان گنت روحیں شامل ہیں) سارا علم حاصل کر لوں گا تو میری روح اس شعورِ مطلق کو لے کر اٹھے گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ان رفعتوں کی طرف جن کا خواب بھی ابھی ہمیں سزاوار نہیں ہے۔ اور تب صورِ اسرافیل پھونک دیا جائے گا۔ فرشتے قطار اندر قطار میرے استقبال کو کھڑے ہوں گے اور منادی ہو گی
’’آؤ اے مقدس روح۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم اب اس قابل ہو کہ تمہیں بارگاہِ ایزدی میں بازیابی کا شرف بخشا جا سکے۔ تم نے تخلیقِ آدم کے مقصد کو پورا کر دیا ہے۔ تم نے ہر معمے کو حل کر دیا ہے۔
آؤ اے برگزیدہ آدم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کہ تمہیں دیکھ کر آج ملائکہ خود سجدے میں گرنے لگیں۔ انکا یہ سجدہ حکم الہی کی اندھی تقلید میں نہ ہو گا بلکہ اس علم کی تعظیم میں ہو گا جس کا بوجھ اٹھانے کے خیال سے پہاڑوں پر رعشہ طاری ہو گیا تھا۔
آؤ کہ تخلیقِ کائنات کے اس آخری باب کے ساتھ کتاب بند کر دی جائے ‘‘۔
٭٭٭

نجات

’’تو قابیل کی طرح اپنے بھائی کو قتل کرے گا اور پھر عمر بھر اس گناہ کی صلیب اٹھائے پھرے گا۔ ‘‘
سبز چوغے والے ملنگ نے بڑی ترنگ میں کہا۔ اسے دیکھ کر یوں نہیں لگتا تھا جیسے وہ کسی بڑے راز کا انکشاف کر رہا ہو۔ اس کے چہرے پر تو وہی بے پروائی، وہی معصومیت رقصاں تھی جیسے ہمیشہ ہوتی تھی۔
میں بچپن سے اس ملنگ کو ایسے ہی سڑکوں پر دیکھتا چلا آیا تھا۔ ہمارے شہر میں ایک مزار تھا۔ دن کے زیادہ تر حصے میں وہ وہیں خاموش سا بیٹھا نظر آتا۔ ایسے میں وہ ساری دنیا سے لاتعلق نظر آتا۔ لیکن دن میں کم ازکم دو مرتبہ وہ بازاروں اور گلیوں کا چکر لگاتا۔ جیسے شہر کا افسرِ اعلی دورے پر نکلتا ہو۔ ایسے میں لوگ اس کے قریب آ جاتے۔ کچھ اس کے ہاتھوں کو تھام لیتے ، کئی ضعیف الاعتقاد لوگ تو اس کے پیروں پر بھی گر جاتے مگر باقی سب بس اسے بڑی عقیدت سے گزرتا دیکھتے رہتے۔ ایسے میں لوگ اسے کوئی کھانے کی چیز یا پیسے بھی تھما دیتے۔ اس کے جی میں آتی تو چیز کھا لیتا ورنہ رستے میں نظر آنے والے کسی جانور کے سامنے ڈال دیتا۔ ایسے ہی کبھی تو وہ پیسے اپنی گدڑی میں چھپا لیتا اور کبھی بس کسی راہ چلتے شخص کو تھما دیتا۔ لوگ بہرحال انہیں متبرک سمجھ کر رکھ لیتے۔ ایک دفعہ ایک ٹھیکیدار ایسی ہی بات پر بھڑک اٹھا تھا اور اس نے پیسے ملنگ کے منہ پر دے مارے۔ جس نے سنا اس نے کانوں کو ہاتھ لگائے۔ لوگوں کو لگا کہ اب بہت جلد ٹھیکیدار پر کوئی مصیبت آنے والی ہے۔ کئی دوستوں نے اسے سمجھایا بھی کہ
’’میاں جاؤ اور معافی مانگ لو۔ ۔ ۔ ۔ اللہ والوں سے خوامخواہ کی لڑائی مناسب نہیں ‘‘۔ میں نہیں جانتا کہ وہ اندر سے خوفزدہ تھا یا نہیں پر بظاہر وہ اکڑے ہی پھرتا۔
’’لو میں کیوں مانگوں معافی؟ اپنی محنت سے حلال کا کماتا ہوں۔ شرمندہ تو اسے ہونا چاہیے جو ہمارے ٹکڑوں پر پلتا ہے۔ ‘‘
کچھ ایسا ہی سوال بھاردواج برہمن نے گوتم بدھ کے سامنے بھی اٹھایا تھا۔ وہ ایک امیر زمیندار تھا۔ جب ایک دن گوتم بدھ کو بھیک مانگتے دیکھا تو غصے سے بھر گیا اور کہنے لگا
’’دیکھو بھکشو! میں زمین جوت کر بیج بوتا ہوں تو اناج پیدا ہوتا ہے۔ سب کچھ محنت طلب ہے۔ اور تم ہو کہ دوسروں پر بوجھ بنے بیٹھے ہو۔ ‘‘
گوتم بدھ مسکرائے اور بولے ’’میں بھی زمین کاشت کرتا ہوں اور پھر اسی کا اناج کھاتا ہوں ‘‘۔
’’وہ کیونکر؟‘‘بھاردواج نے حیران ہو کر پوچھا۔
’’انسان کا دل میرا کھیت ہے اور ایمان وہ بیج ہے جو میں کاشت کرتا ہوں۔ نیک اعمال کا پاکیزہ پانی باطنی کھیتوں کو سیراب کرتا ہے۔ جب زمین شاداب و زرخیز ہو جائے تو علم کا ہل چلاتا ہوں۔ انکساری اور فروتنی اس ہل کا پھالہ ہیں۔ میرے من کا کسان محنت اور ریاضت کے بیلوں کی نکیل ہر وقت تھامے رکھتا ہے۔ یہ نکیل اصل میں عمدہ قواعدِ حیات ہیں۔ علم کے ہل کی ہتھی ہر وقت میرے ہاتھ میں رہتی ہے۔ یہ ہل دل کی اراضی سے دنیاوی پیار اور جاہو جلال کی جڑی بوٹیاں اکھاڑ پھینکتا ہے۔ ایمان کے بیج جب بے خودی کے موسم میں پھوٹ نکلتے ہیں تو فصل پکنا شروع ہو جاتی ہے۔ اس قسم کی زراعت کی حتمی پیداوار نجات کا پھل ہے جو تمام دکھوں کو
نابود کر دیتا ہے۔ ‘‘
ایسے جواب پر اگر بھاردواج کے دل کی دنیا بدل گئی تو ہمیں تعجب نہیں کرنا چاہیے۔ مگر ہر ایک کو اپنے احمقانہ سوالات کے سامنے کوئی بدھا نہیں ملتا۔ ہمارے سامنے تو خاموش، الجھے ہوئے اور شرمناک حد تک معمولی لوگ ہوتے ہیں۔ جو ایسے سوالوں پر اور بھی الجھ جاتے ہیں۔ زمین میں گڑے جاتے ہیں۔ انہیں اپنے آپ سے ، اپنی بھوک سے نفرت ہو جاتی ہے۔ ۔ ۔ ۔ بھوک جس سے بیتاب ہو کر انہیں پھر سے مانگنا پڑے گا اور پھر سے دھتکارے ہوئے چند سکے ان کی طرف پھینک دیے جائیں گے۔
ہر جان کا رزق مقرر ہے تو پھر ہم کیسے کہ سکتے ہیں کہ کوئی کسی کا حصہ کھاتا ہے ؟بس ہم کوتاہ نظر ہر محنت کرنے والے کا ہل دیکھ نہیں پاتے۔
’’اور ہم نے آسمان اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے بیکار نہ بنائے۔ یہ تو کافروں کا گمان ہے۔ ۔ ۔ تو کافروں کی خرابی ہے آگ سے ‘‘
کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اگر ہمیں یہ لوگ بے مقصد اور بے حیثیت دکھتے ہیں۔ ۔ ۔ ہم میں سے ہر ایک اپنا پسینہ گراتا ہے۔ پر ضروری تو نہیں کہ اسے دوسروں کو دکھایا بھی جا سکے۔ اور پھر یہ سوال کوئی جدی پشتی نوابوں سے کیوں نہیں کرتا جن کی عمر محض عیاشی کرنے اور اس کے نئے طریقے سوچنے میں گزر جاتی ہے۔ ۔ ۔ پر سچ تو یہ ہے کہ یہ سوال ان سے بھی کیا جانا نہیں بنتا۔ وہ سب بھی تو اپنے آبا کے لگائے ہوئے درختوں کا پھل کھاتے ہیں۔
And God said to him, I am God, the Ruler of all: be fertile, and have increase; a nation, truly a group of nations, will come from you, and kings will be your offspring.
(Genesis - 35:11)
تو انصاف ہر جگہ ہے بس ہم اسے پہچان نہیں پاتے اور ناراض ہو جاتے ہیں۔ یہ بھیک مانگنے والے مجبور افراد، یہ ٹپ کے انتظار میں کھڑے ویٹر، یہ تارک الدنیا فقیر۔ ۔ ۔ یہ سب لوگ ہمیں لٹیرے نظر آتے ہیں کہ ہمارے رزق پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔ پر رزق تو مقرر ہو چکا۔ نہ ایک دانہ کم نہ ایک دانہ زیادہ۔ اور یہاں تک فرمایا گیا ہے کہ جو شخص کھیتی لگاتا ہے تو ہر اس دانے کے عوض جو کوئی پرندہ چگ لیتا ہے ، یا کوئی راہگیر مسل دیتا ہے اسے جزا ملتی ہے۔ تو بس ہم نہیں جانتے اور ناراض ہو جاتے ہیں۔
اور وہ ٹھیکیدار بھی ناراض ہو گیا تھا۔ وہ ناراض تھا کیونکہ فقیر کے پھینکے چند سکوں نے اس کی اوقات یاد دلا دی تھی۔ انہی چند سکوں کے لئے تو وہ سارا دن محنت کرتا تھا اور جب انہیں یوں ہاتھ میں پا کر اس نے خود کو حقیر محسوس کیا تو وہ بوکھلا گیا اور اسی بوکھلاہٹ میں وہ سب کچھ ہو گیا۔
اب آہستہ آہستہ ٹھیکیدار کا کام کم ہونے لگا۔ پتہ نہیں اصل وجہ کیا تھی پر لوگ اسے ملنگ کی کرامت ہی سمجھتے تھے۔ منطقی قسم کے لوگ اس کی وجہ یہ بتاتے تھے کہ ایک کاروباری شخص کے لئے اس کی ساکھ ہی سب سے اہم ہوتی ہے۔ اور یہاں لوگوں کو خدشہ لگا تھا کہ اسے یقیناً کوئی بہت بڑا نقصان پہنچنے والا ہے۔ تو کون لین دین کرتا اس سے ؟نتیجہ وہی۔ ۔ ۔ اچھی خاصی ٹھیکیداری سے چھوٹے موٹے کاموں کی طرف آنا پڑا۔ کام جن کا نہ اسے کوئی تجربہ تھا اور نہ ہی حوصلہ۔ وہ اب پریشان رہنے لگا تھا۔ اسی حالت میں اسے دل کا دورہ پڑا اور وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملا۔
اس واقعے نے ملنگ کے سحر کو مکمل کر دیا۔ وہ جہاں سے گذرتا اس کے لئے راستہ چھوڑ دیا جاتا۔ وہ بہت کم کسی سے کچھ کہتا مگر مشہور تھا کہ اس کا کہا کبھی غلط نہ ہوتا تھا۔
یہ گرمیوں کی ایک دوپہر تھی۔ میں اس دن کالج سے واپس آ رہا تھا۔ جسم پسینے سے شرابور ہو رہا تھا۔ میں تیز تیز پیڈل مار رہا تھا کہ جلدی گھر پہنچ سکوں۔ ایسے میں وہی ملنگ سامنے سے آتا دکھائی دیا۔ اس نے دور ہی سے مجھے رکنے کا اشارہ کیا۔ میں اس کے قریب جا کر سائیکل سے اتر گیا۔ اس نے اپنی سرخ سرخ آنکھوں سے مجھے دیکھا اور بڑی لاپروائی سے وہ بھیانک الفاظ میرے کانوں میں انڈیل دیے۔
’’تو قابیل کی طرح اپنے بھائی کو قتل کرے گا اور پھر عمر بھر اس گناہ کی صلیب اٹھائے پھرے گا۔ ‘‘
مجھے لگا جیسے ساری دنیا ایکدم رک گئی ہو۔ اور پھر اس ٹھہری ہوئی دنیا میں وہ ملنگ چلنے لگا اور آہستہ آہستہ مجھ سے دور ہونے لگا۔ وہ ایسا بے نیاز تھا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو اور میں جس کی زندگی پر ہر سمت سے اندھیرے ٹوٹ پڑے تھے۔ میں تقریباً بھاگتا ہوا اس کے پیچھے چلا۔
’’بابا میں کیسے بچ سکتا ہوں۔ ۔ ۔ راستہ بھی تو بتاؤ نہ۔ ‘‘
اس نے استہزائیہ نظروں سے مجھے دیکھا اور پکارا
’’جف القلم بما انت لاق ‘‘
’’کیا؟‘‘میں کچھ نہیں سمجھا تھا۔ مگر وہ بار بار یہی جملہ دہراتا دور چلا گیا۔ میں بہت گھبرایا۔ عربی سے میری واقفیت بڑی واجبی سی تھی سو مطلب تو نہ سمجھ سکا پر عبارت جیسے ذہن پر نقش ہو کر رہ گئی۔ میں جلدی جلدی اسے ذیرِ لب دہرا رہا تھا کہ بھول نہ جاؤں۔ پر شاید مجھے ایسا کرنے کی ضرورت نہ تھی۔ کچھ چیزوں کا یاد کرا دینا اللہ کے ذمے ہوتا ہے۔ ہم جتنا چاہیں انہیں بھولنے کی کوشش کریں بس بھول نہیں پاتے۔ کسی بھیانک خواب کی طرح آپ جس کے بعد سو نہ سکو۔ اب آپ لاکھ اپنے ذہن کو بھٹکانے کی کوشش کرو، ہزار خوبصورت چہرے آنکھوں کے سامنے لے آؤ، گھنٹوں MTVپر گانے سنتے رہو مگر جیسے ہی دوبارہ سونے کی کوشش کرو گے وہ بھیانک خواب پھر سے سامنے آ کھڑا ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نہیں آپ ایسی چیزوں سے بھاگ نہیں سکتے۔ لیکن ہم بھاگنا چاہتے ہی کیوں ہیں؟ایسا بھی تو ہو سکتا ہے کہ ہمیں ایک رات جاگنا ہو، اپنے صحن میں بے چینی سے ٹہلنا ہو اور ایسے میں ہم ہمسائے کے گھر سے نکلتا سایہ دیکھ لیں، دور دراز ستاروں کے اسرار جان لیں یا پھر محض صبح دیر سے اٹھنے کی وجہ سے وہ بس نہ پکڑ پائیں جس کا ایکسیڈنٹ ہو جانا تھا۔ ۔ ۔ یہ دنیا اتنی پیچیدہ ہے کہ ہم اسے نہیں سمجھ سکتے۔ ہم جان نہیں سکتے کہ کسی چیز کا ردِ عمل کیا ہو گا مگر پھر بھی پریشان ہو جاتے ہیں۔ کیا ایک بیکار سے الزام میں چار سال سائیبیریاکی سختیاں جھیلے بنا دہستوفسکی دنیا کا عظیم ترین ناول نگار بن سکتا تھا؟اگر van Gogh کو بقول اس کے ’’چرچ سے کتے کی طرح دھتکار نہ دیا جاتا‘‘ تو کیا وہ اتنا بڑا فنکار بن سکتا تھا؟ہم ایسی باتوں کو نہیں سمجھ سکتے۔ ہم تو بڑے عجیب لوگ ہیں۔ ۔ ۔ اسے محفوظ کرنے کی کوشش کرتے ہیں جسے کوئی محفوظ نہیں کر سکتا۔ اسے یاد کرنے میں عمریں ضائع کر دیتے ہیں جسے بھولنا ممکن ہی نہیں۔
وہاں سے نیاز صاحب کا گھر زیادہ دور نہیں تھا۔ نیاز صاحب مجھے سکول میں عربی پڑھایا کرتے تھے۔ میں سیدھا انکے گھر کی طرف گیا اور دستک دی۔ دروازہ فوراً کھل گیا۔ نیاز صاحب غالباً ابھی سکول سے آئے تھے تبھی تو ان کی پیشانی پر پسینے کے قطرے جگمگا رہے تھے۔
’’ہاں برخوردار کیسے آنا ہوا؟‘‘
’’سر ایک چھوٹی سی مدد چاہیے۔ ‘‘بولتے ہوئے میری آواز بیٹھ رہی تھی۔
’’ہاں ہاں۔ ۔ ۔ بولو۔ ‘‘
’’سر اس کا کیا مطلب ہے۔ ۔ ۔ جف القلم بما انت لاق ‘‘‘
’’بھئی یہ بخاری شریف کی حدیث ہے کہ قلم خشک ہو گیا ہے ساتھ اس چیز کے جس کو تو ملنے والا ہے۔ یہ مسئلہ تقدیر سے متعلق ہے۔ مطلب یہ کہ اللہ پاک کے پاس ہر وقوع پذیر ہونے والی شئے کا مکمل احوال موجود ہے۔ جیسے مسلم میں بھی اس مضمون کی ایک حدیث ہے کہ عمل اسی کے مطابق ہیں جسے قلم لکھ کر خشک ہو گئے۔ تقدیرِ الہی جاری ہو چکی۔ ‘‘اپنی طبیعت کے مطابق نیاز صاحب نے بڑی تفصیل سے وضاحت کی۔
میری پیشانی پر پریشانی کی لکیریں دیکھ کر انہوں نے پوچھا
’’بیٹے بات کیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ تم بہت گھبرائے ہوئے نظر آ رہے ہو؟‘‘
’’جی۔ ۔ ۔ کوئی خاص بات نہیں۔ ۔ ۔ بہت شکریہ۔ ۔ ۔ خدا حافظ‘‘۔
میں تیزی سے چل دیا۔ جانتا تھا کہ وہ سوچ رہے ہوں گے کہ میں ایسا بد تہذیب کب سے ہو گیا ہوں۔ پر اس وقت مجھے کسی چیز کی پروا نہیں تھی۔ میرے دلو دماغ میں آندھیاں سی چل رہی تھیں۔ گھر جانے کی بجائے میں ایک قریبی مسجد میں چلا گیا۔ ظہر کی نماز ہو چکی تھی اس لئے کوئی نمازی نظر نہیں آ رہا تھا۔ میں خاموشی سے ایک کونے میں جا بیٹھا۔
میں بہت پریشان تھا۔ ۔ ۔ اس لئے کہ مجھے اپنے بھائی سے بہت محبت تھی، اس لئے کہ قتل جیسے بھیانک اقدام کا تصور بھی مجھے لرزائے دیتا تھا اور شاید اس لئے بھی کہ مجھ جیسا کمزور قوتِ ارادی کا شخص بھلا کیسے گذر پاتا ایسے امتحان سے ؟ تو پھر کیا کروں؟ بہت دیر تک سوچتا رہا۔ ایسے میں مجھے اونگھ آ گئی۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ایک سفید ریش بزرگ کہ نور جن کے چہرے پر بکھرا تھا میرے سامنے کھڑے ہیں۔ ان کے چہرے پر شفقت دیکھ کر میں ان کا دامن پکڑ لیتا ہوں اور رونے لگ جاتا ہوں۔ اتنا روتا ہوں کہ میری ہچکیاں بندھ جاتی ہیں۔ وہ بڑی محبت سے میرے سر پر ہاتھ پھیرتے ہیں اور پھر جیسے انہوں نے میرے دل کی بات جان لی۔ انہوں نے مٹھاس سے بھرپور مہربان آواز میں کہا۔
’’اللہ کی زمین بہت بڑی ہے۔ نکل جاؤ اور اس کا فضل تلاش کرو اور بہت زیادہ استغفار پڑھا کرو۔ ‘‘
ان الفاظ کا کانوں میں پڑنا تھا کہ میری آنکھ کھل گئی۔ دل پر اب اطمینان کی حکمرانی تھی مگر کونے کھدروں میں کہیں اب بھی بڑی مشتاق بے چینی دبکی تھی۔ جیسے بلی کبوتر کے انتظار میں بیٹھی ہو۔ بہت خاموش کہ جیسے وہ کوئی بے جان شئے ہو اور بس ایک ساعت کے نوٹس پر جھپٹنے کے لئے تیار بھی۔ ان کی بات گو دل کو لگی تھی پر میں جاتا کہاں؟ ایک طرف اتنے محبت کرنے والوں سے جدا ہونے کا دکھ تھا پر اس سے بڑھ کر پریشانی یہ تھی کہ مجھ سے معمولی تعلیم یافتہ لڑکے کو جسے اس شہر سے باہر کوئی جانتا بھی نہ تھا بھلا کہاں ٹھکانہ مل پائے گا۔
اور پھر میری سب چیزیں بھی تو گھر میں رکھی تھیں۔ ۔ ۔ چیزیں جو بظاہر بڑی معمولی سی تھیں۔ جن کا ذکر کرنے لگوں تو وہ اتنی بڑی مصیبت کے سامنے بہت حقیر دکھائی دیں گی۔ اتنی کہ ایسے موقع پر ان کا سوچنا ہی مجھے اپنی نظروں میں گرا رہا ہے۔ مگر کیا کروں؟کیا کروں کہ یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں (جیسے ڈگریاں، روپے ، ملبوسات وغیرہ) ہی اب دنیا میں انسانوں اور دیگر جانوروں کے بیچ واحد وجہ امتیاز رہ گئی ہیں۔ ان کے بنا تو آپ بس میں بھی سفر نہیں کر سکتے ، ہوٹل میں ایک رات نہیں گذار سکتے۔ ۔ ۔ اور جب آپ بھوک سے نڈھال کسی اجنبی شہر کے فٹ پاتھ پر پڑے موت کا انتظار کرو گے تو آپ کے لئے بھی خود کو انسان سمجھنا آسان نہیں ہو گا(دوسروں کا تو ذکر ہی کیا ہے )۔
مگر گھر جانا اب آسان نہیں تھا۔ اب تک تو بھیا بھی آفس سے آ چکے ہوں گے اور اگر وہ کہیں گھر میں ہوئے تو۔ ۔ ۔ پتہ نہیں میں کیوں خوفزدہ تھا؟اب ایسا تو نہیں تھا کہ انہیں دیکھتے ہی میں کسی خونخوار درندے کی طرح ان پر جھپٹ پڑتا؟پر سچ یہی ہے کہ مجھے اپنے آپ پر اعتماد نہیں رہا تھا۔ مجھے جلد از جلد یہاں سے دور چلا جانا تھا۔ اتنی دور کہ میں اس پیشن گوئی سے بچ سکوں جو شہد کی مکھیوں کے سے استقلال سے میرا پیچھا کر رہی تھی۔
میں گھر جانے کی بجائے اپنی خالہ کے گھر چلا گیا۔ خالو تو ویسے ہی دکان سے شام کو آتے تھے اور خالہ شاید کسی پڑوسن کی طرف گئی تھیں۔ اس لئے گھر میں تالا لگا تھا۔ البتہ ان کا چھوٹا بیٹا عبدالرحمن باہر گلی میں کھیل رہا تھا۔ میں نے اسے اپنے پاس بلایا۔
’’ذرا میرے گھر تک جانا اور میری کتابوں کے پیچھے ایک خاکی رنگ کا لفافہ رکھا ہے۔ ۔ ۔ بس اسے کھولے بغیر چپکے سے نکال لاؤ‘‘۔
اس نے حیرت سے مجھے دیکھا۔ ’’فہیم بھائی!اس لفافے میں کیا ہے ؟‘‘
’’یار کچھ ضروری کاغذ ہیں۔ تم بس جلدی کرو۔ ‘‘
’’پر آپ خود کیوں نہیں چلے جاتے ؟‘‘اس نے سوال کیا۔
’’ارے میں یہاں ایک دوست کا انتظار کر رہا ہوں۔ مجھے یہاں نہ پا کر وہ پریشان ہو جائے گا۔ وہ لفافہ بھی اسے ہی دینا ہے مجھے۔ ۔ ۔ اور سنو! ذرا امی کی نظر بچا کر ورنہ وہ سو سوال پوچھنے بیٹھ جائیں گی۔ اگر پوچھیں کہ کیا کر رہے ہو تو بول دینا کہ آپا کے لئے ڈکشنری لینے آیا ہوں۔ ۔ ۔ سمجھ گئے ؟‘‘اس نے اثبات میں سر ہلا دیا۔
اس کے جانے کے بعد میں نے ڈائری سے کاغذ نکالا اور جلدی جلدی اس پر اپنے گھر والوں کے لئے ایک مختصر سا پیغام لکھا۔

’’محترم والد صاحب!
اسلام علیکم! چند ناگزیر وجوہ کی بنا پر مجھے یہ شہر چھوڑنا پڑ رہا ہے۔ ابھی بتا نہیں سکتا کہ مجھے کیوں اور کہاں جانا ہے ؟ بس درخواست اتنی سی ہے کہ میری تلاش میں خود کو پریشان نہ کریں۔ اگر قسمت کو منظور ہوا تو ہم ضرور ملیں گے۔ سب گھر والوں کو میری طرف سے بہت بہت پیار۔
آپ کا بیٹا
فہیم۔ ‘‘

کاغذ تہہ کر کر میں نے جیب میں ڈال لیا اور بے چینی سے گلی میں ٹہلنا شروع کر دیا۔ تھوڑی دیر میں عبد ا لرحمان واپس آ گیا۔ اس نے وہ خاکی لفافہ میرے ہاتھ میں تھما دیا۔
’’کون کون تھا گھر میں؟‘‘
’’بس خالہ تھیں اور راشدہ باجی۔ ‘‘اس نے کہا۔ نجانے یہ سن کر کہ بھیا گھر میں نہیں تھے میرا دل کیوں بہت مطمئن ہو گیا۔
’’ٹھیک ہے یار بس میرا ایک کام اور کر دے۔ ‘‘میں نے وہ رقعہ اس کے ہاتھ میں تھما دیا۔ ’’جب شام کو ابو گھر میں آئیں تو انہیں دے دینا۔ ‘‘
’’ارے واہ۔ ۔ ۔ میں کوئی ڈاکیہ ہوں کیا؟‘‘
’’یار ضروری کام سے جانا ہے۔ ‘‘
’’پھر بھی ایسے ہی۔ ۔ ۔ ابھی اتنی گرمی میں گیا جو تھا۔ ‘‘
’’اب خیر ایسے بھی نہیں ہے۔ ابھی پرسوں تجھے کھیلنے کو نئی گیند لا کر دی تھی۔ ‘‘
گیند کا سن کر وہ چپ ہو گیا اور لفافہ میرے ہاتھ سے لے لیا۔ میں تیزی سے سائیکل چلاتا بس سٹاپ کی طرف چل دیا۔ اس لفافے میں کوئی پندرہ ہزار روپے تھے جو میں کافی دیر سے موٹر سائیکل کے لئے جمع کر رہا تھا۔ اب سوچا یہی تھا کہ لاہور چلتا ہوں۔ کوئی سستا سا کمرہ لے کر چھوٹی موٹی ملازمت ڈھونڈنے کی کوشش کروں گا۔ بس سٹاپ پر پہنچا تو دیکھا کہ لاہور جانے والی بس چلنے میں ابھی تھوڑی دیر تھی۔ خیر ٹکٹ خریدا، سائیکل کو بس کی چھت سے بندھوایا اور گرمی کی وجہ سے بس میں بیٹھنے کی بجائے دیوار کے کونے سے ٹیک لگا کر کھڑا ہو گیا۔
مجھے کھڑے ابھی کوئی پندرہ منت ہوئے ہوں گے کہ ایک رکشہ بڑی تیزی سے آ کر رکا۔ میں نے دیکھا کہ اس میں بھیا اور چچا بیٹھے ہوئے تھے۔ میں گھبرا گیا اور جلدی سے چائے کے کھوکھے کی اوٹ میں چلا گیا۔ یہاں سے میں انہیں دیکھ سکتا تھا۔ وہ دونوں بڑی دیوانگی سے روانگی والی بسوں اور ویگنوں میں دیکھ رہے تھے۔ غالباً ابا جان بھی ایسی ہی بے چینی سے مجھے اسٹیشن پر ڈھونڈ رہے ہوں گے۔
ہو نہ ہو عبد الرحمن نے میرے جاتے ہی وہ لفافہ کھول کر دیکھ لیا تھا۔ پھر تو وہ یقیناً میرے گھر کی طرف بھاگا ہو گا۔ بھیا اسی وقت دفتر سے آئے ہوں گے۔ چچا اور ابو کو انہوں نے دکان سے پکڑا ہو گا۔ ۔ ۔ اور اب وہ لوگ بڑی بے چینی سے مجھے ڈھونڈ رہے تھے۔ میری بس چلنے کا وقت بھی ہوا چاہتا تھا۔ میں دعائیں کر رہا تھا کہ وہ لوگ جلدی سے وہاں سے واپس چلے جائیں۔ میری بس اب آہستہ آہستہ کھسکنے لگی تھی۔ کنڈیکٹر اونچی آواز میں ’’لاہور۔ ۔ ۔ ۔ لاہور‘‘ کی آوازیں لگا رہا تھا۔ اب اگر میں یہیں دبکا رہتا تو نہ صرف کئی گھنٹوں تک کوئی اور بس نہیں چلنا تھی بلکہ میں اپنی سائیکل سے بھی محروم ہو جاتا۔ ہمت کر کر کھوکھے کی اوٹ سے نکلا اور تقریباً بھاگتا ہوا اپنی بس تک پہنچ گیا۔ بھیا اور چچا اس وقت دوسری طرف دیکھ رہے تھے۔ کنڈیکٹر نے نیچے کی طرف جھک کر میرا ہاتھ تھام لیا اور ساتھ ہی بس نے رفتار پکڑ لی۔ بس میں نشست کی طرف جاتے ہوئے میں نے ان دونوں کو دیکھا جو اب شاید مایوس ہونے کے بعد رکشے میں بیٹھ رہے تھے۔
تو بالآخر میں اس شہر سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ شہر جس نے ساری زندگی مجھے مہرباں ماں کی طرح اپنے سے دور نہ ہونے دیا تھا۔ شہر جس میں میرے سب دوست تھے۔ اتنی محبت کرنے والے گھر والے تھے اور شہر جس میں اب بھیا بوکھلائے بوکھلائے پھر رہے ہوں گے۔ انہی سوچوں میں میری آنکھ لگ گئی۔
سو کر اٹھا تو طبیعت میں کسلمندی سی تھی۔ سر میں بڑے زور سے درد بھی ہو رہا تھا۔ ساتھ والی نشست پر نظر ڈالی تو کوئی اور شخص بیٹھا تھا(وہ پہلے والا غالباً کسی سٹاپ پر اتر گیا ہو گا)۔ میں نے فوراً ہاتھ سے تھپتھپا کر جیب میں پیسوں کی موجودگی کی تصدیق کی اور پر اطمینان انداز میں کھڑکی سے باہر دیکھنے لگا۔ بس اب کسی شہر کے مضافات میں داخل ہو رہی تھی۔ مجھے ایک عجیب سا احساس ہوا۔ یہ شہر بڑا جانا پہچانا سا لگ رہا تھا۔ یوں لگتا تھا جیسے یہ میرا ہی شہر ہو۔ جی میں آئی کہ شاید سبھی شہر ایک جیسے ہی ہوتے ہوں گے۔ وہی چھوٹی چھوٹی دکانیں، وہی سڑکوں پر چلتے آدمی، وہی گاڑیوں کا ہجوم، وہی وکٹوریہ سینما گھر اور شاہی فالودے کی دکان۔ ۔ ۔ ہائیں ! یہ تو میرا اپنا ہی شہر تھا۔ میں گھبرا کر کھڑا ہو گیا۔ بس اب سٹاپ پر رکنے کو ہی تھی۔ کنڈیکٹر بھی میرے ہی شہر کا نام پکار رہا تھا۔
’’الہی یہ کیا ماجرا ہے ؟میں واپس کیسے آ گیا؟کیا میں سوتا رہا اور وہی بس واپس آ گئی؟‘‘پر ایسا لگ نہیں رہا تھا۔ کنڈیکٹر کوئی اور ہی آدمی تھا اور تو اور یہ بس بھی پہلے جیسی نہیں تھی۔ اُس میں سیٹوں پر برگنڈی کور چڑھے ہوئے تھے اور چھت سے ریشمی جھالریں لٹک رہی تھیں اور یہ بس تو بڑی سپاٹ سی تھی۔ بالکل جیسے کوئی عام بس ہوتی ہے۔
میں کنڈیکٹر کے قریب چلا گیا۔ وہ اس وقت بڑا مصروف نظرآ رہا تھا اس لئے اسے متوجہ کرنے کے لئے مجھے اسے کاندھے سے پکڑ کرا پنی طرف کھینچنا پڑا۔ پر اس وقت مجھے کسی چیز کی پروا نہیں تھی۔
’’میں اس بس میں کیسے آ گیا؟‘‘
اس نے عجیب نظروں سے مجھے دیکھا جیسے اسے میری دماغی حالت پر شک ہو۔
’’کیوں مذاق کر رہے ہو جی۔ آپ نے ہی تو خود ٹکٹ خریدا تھا اور چھت پر سائیکل بھی تو بندھوائی تھی۔ ‘‘
میں کچھ نہ بولا اور خاموشی سے بس سے اتر آیا۔ میں نے چھت سے سائیکل اترنے کا انتظار بھی نہ کیااور شہر سے باہر جانے والے رستے کی طرف پیدل چلنا شروع کر دیا۔ میں نہیں جانتا تھا کہ کیا ہوا مگر ایک بات تو طے تھی کہ میں ابھی گھر نہیں جا سکتا تھا۔ میں کئی گھنٹے یونہی چلتا رہا۔ ایسے میں مجھے ایک سبز رنگ کا مزار دکھائی دیا۔ اس کے باہر ایک گھنا برگد تھا جس کے نیچے ایک نلکا لگا تھا۔ دھوپ میں چلنے کی وجہ سے میرا سر چکرا رہا تھا۔ اس لئے میں وہاں چلا گیا اور بڑی دیر تک منہ پر پانی کے چھینٹے مارتا رہا۔ بالوں کو جڑوں تک گیلا کیا اور بہت سا پانی پیا۔
وہاں سے اٹھا تو دیکھا کہ مزار کے احاطے میں ایک بوڑھا جھاڑو دے رہا تھا۔ اس کی چھوٹی چھوٹی داڑھی تھی۔ چہرے پر جھریاں پڑی تھیں۔ دیکھنے میں وہ کوئی عام سا کسان نظر آتا تھا۔ میں اسے نظرانداز کر کر سیدھا قبر کی طرف چلا گیا(بھلا ایسے عام سے آدمی ہمارے کس کام کے۔ یہ تو ہر گلی، ہر سڑک پر بھرے ہوئے ہوتے ہیں)۔ اب میں قبر پر کھڑا سوچ رہا تھا کہ کیا کروں۔ دل کے کسی گوشے میں ایک امید سی تھی جیسے یہ صاحبِ قبر بزرگ میری کچھ مدد کر سکیں۔ ایسے میں جب مجھے ایک پراعتماد آواز سنائی دی تو بنا کچھ سمجھے ہی میرا دل تشکر سے بھر گیا(گویا کہ صاحبِ قبر مجھ سے مخاطب ہوئے ہوں) لیکن یہ آواز تو اس جھاڑو دینے والے کی تھی۔ وہ کہہ رہا تھا
’’جہاں جاؤ گے اسی کی سلطنت ہے۔ تم اللہ کے لکھے سے نہیں بھاگ سکتے ‘‘۔ اس نے بڑی لاپرواہی سے کہا۔ جھاڑو البتہ وہ اب بھی پوری توجہ سے دے رہا تھا جیسے گرد کا ایک ذرہ بھی رہ گیا تو اسے ساری صفائی پھر سے کرنا پڑے گی۔
’’پر مجھے تو شہر سے نکلنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ‘‘مجھے ان نورانی چہرے والے بزرگ کی نصیحت یاد آئی۔
’’اطاعت صرف معروف میں ہے۔ حکم صرف اللہ کا چلتا ہے۔ باقی سب تو آزمائشیں ہیں۔ ‘‘اس نے اس مرتبہ مجھے دیکھ کر کہا۔
میں گھبرا گیا۔ ’’تو آپ کا مطلب ہے کہ وہ بزرگ اللہ کی طرف سے نہیں تھے ؟‘‘
’’اللہ کی طرف سے ہوتے تو تمہیں یوں بھاگنے کو کہتے ؟رضائے الہی کے سامنے تو سرِ تسلیم خم کرنا ہی اس جماعت کا طریقہ ہے۔ ‘‘
’’پر میں گناہ نہیں کرنا چاہتا۔ ‘‘
’’گناہ کون کرنا چاہتا ہے۔ ۔ ۔ جان بوجھ کر کوئی گناہ نہیں کرتا۔ یہ تو تقدیر ہے جو مویشیوں کے رکھوالے کی طرح ہم سب کو ایک سمت میں ہانکے جاتی ہے اور تقدیر سے کون لڑ سکتا ہے ؟ہماری ذمہ داری بس ضبط کی آخری حد تک یا شاید اس سے پرے بھی صراطِ مستقیم پر چلے جانے کی ہے۔ ۔ ۔ فرار اللہ والوں کا شیوہ نہیں۔ ‘‘
’’پر میں کیوں قتل کروں اپنے بھائی کو۔ مجھے محبت ہے اس سے۔ ‘‘اپنی لاچارگی پر میرے آنسو نکل آئے۔
’’یہ میں نہیں جانتا۔ کوئی کیوں قتل کرتا ہے کسی کو۔ ۔ ۔ ایک شخص تھا جو بس پیر کا جوتا ٹوٹ جانے پر معمول سے پہلے گھر آ گیا اور اس نے کسی بندے کو اپنے گھر میں گھستے دیکھ لیا۔ اب وہ کیا کرے ؟کیسے سمجھ لے کہ وہ بے بس ہے جب کہ اس کے ہاتھ میں نئی کلہاڑی دبی ہے۔ تو ایسے میں ہم دیکھتے ہیں کہ وہ لات مار کر دروازہ توڑ ڈالتا ہے اور گھبرا کر بھاگتے ایک شخص کی کمر پر اپنی چمکیلی کلہاڑی سے پے در پے وار کرتا چلا جاتا ہے۔ پھر وہ اپنی چیخیں مارتی بیوی کو بھی ہمیشہ کے لئے خاموش کر دیتا ہے۔ ۔ ۔ ہم لوگ یہ سب دیکھ سکتے ہیں۔ غیرت کے نام پر ہونے والے اس قتل پر اسے مطعون بھی کر سکتے ہیں۔ پر ایک چیز جو کوئی نہیں دیکھ سکتا وہ یہ ہے کہ یہ سب کسی اور طرح ہو ہی نہیں سکتا تھا۔ کیا جوتا ٹوٹنے پر آپ گھر واپس نہیں لوٹو گے ؟ یونہی ٹوٹے جوتے کو گھسیٹتے ہوئے چلو گے ؟کیا گھر کا دروازہ بند دیکھ کر آپ لوٹ جاؤ گے ؟اگر اس بھاگتے آدمی پر آپ نے کلہاڑی سے وار نہ کیا تو وہ کلہاڑی وحشت ناک اژدہوں کی طرح آپ کو نگل نہیں لے گی۔ ۔ ۔ تو ہم جان نہیں سکتے کہ کوئی کیوں قتل کرتا ہے۔ اس کی رمزیں وہی جانے۔ مجھے تو بس اتنا پتہ ہے کہ اگر نصیب میں پیاسا رہنا لکھا ہے تو پھر آبِ حیات بھی تیری پیاس نہیں بجھا سکتا۔ اگر تجھے کسی گڑھے میں گرنا ہی ہے تو پھر دنیا بھر کے بیناؤں کی جماعت کا ساتھ بھی تیرے کسی کام نہ آئے گا۔ ‘‘
’’تو پھر نجات کہاں ہے ؟‘‘
’’نجات گناہ سے بچ جانے میں نہیں ہے۔ ۔ ۔ بھلا گناہ سے کون بچ سکتا ہے ؟نجات تو گناہ کے بوجھ سے نکل آنے میں ہے۔ اصل امتحان گناہ نہیں احساسِ گناہ ہے۔ ۔ ۔ احساسِ گناہ جو کسی بھاری پتھر کی طرح ہمیں قعرِ ذلت میں دھکیلتا چلا جاتا ہے۔ ایسے میں ہمیں لگتا ہے کہ بچاؤ کے سب راستے ختم ہوئے۔ اتنے گناہ ہو چکے کہ نجات کی صورت نہیں رہی۔ پر نجات کی صورت نہ ہوتی تو تیری سانسیں نہ چل رہی ہوتیں۔ رب العزت کے رحم اور عطا پر شک کرنا کفر ہے۔ تو اصل امتحان پاتال سی تاریکیوں سے نکل آنا نہیں (بھلا ہم وہاں سے کیسے نکل سکتے ہیں جہاں ہم ایک ’’مدتِ مقررہ ‘‘تک رہنے پر مجبور ہیں؟)۔ اصل امتحان تو مایوسیوں کے چنگھاڑتے اندھیروں کے بیچ دل میں اللہ کا نور بچائے رکھنا ہے۔ اور جتنی پاکیزہ روح ہوتی ہے اندھیرا اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے۔ امتحان اتنا ہی سخت ہوتا ہے۔ ‘‘
’’جب میں جانتا ہوں کہ میں گھر گیا تو مجھ سے ایک گناہِ عظیم سرزد ہو جائے گا تو ایسے میں کہیں میں جان بوجھ کر۔ ۔ ۔ قتل کی لذت کے لئے تو ایسا نہیں کر رہا؟‘‘میں نے سوال کیا۔
’’ایسا نہیں ہے۔ فیصلے ظاہر پر کرنے کا حکم ہے اور ظاہر یہی ہے کہ تم اپنے پورے خلوص سے گھر جا رہے ہو۔ تمہارے دل میں بھائی کی محبت موجزن ہے۔ اب اگر ایسا کچھ ہوتا ہے جس میں تمہارا اختیار کچھ نہیں تو خطا کیسی۔ ۔ ۔ تم نے کبھی وہ بچہ دیکھا ہے جو زمین میں ایک بیج بوتا ہے۔ وہ ایک صحت مند اور بار آور ہونے والا بیج ہے۔ وہ بچہ بڑی باقاعدگی سے اسے پانی اور کھاد بہم پہنچاتا ہے۔ پر ہر روز صبح وہ مٹی کو پلٹ کر دیکھنے لگتا ہے کہ بیج پھوٹا یا نہیں؟تو وہ بیج وہیں گل سڑ جائے گا۔ مگر نیک آدمی اس سمجھدار کسان کی طرح ہوتا ہے جو اپنے صحت مند بیجوں کو زمین کی تاریکیوں میں چھپا دیتا ہے اور پھر اس کا کام بس پانی دینا اور کھاد ڈالنا رہ جاتا ہے۔ باقی سب اللہ کے ذمے ہوتا ہے۔ تو مستقبل ہمارے اختیار میں نہیں۔ ہمارے پاس تو بس آج ہے۔ یہ آج اپنی تمام تر سادگیوں کے ساتھ ہمارے سامنے رہتا ہے اور ہم پیچیدگیوں کے خواہاں لوگ بھٹکتے رہتے ہیں۔ ساری عمر پریشاں رہتے ہیں اور سرا ہمارے ہاتھ نہیں آتا۔ والعصر۔ ۔ ۔ ان الانسان لفی خسر۔ ‘‘اتنے میں اس کا کام ختم ہوا اور اس نے جھاڑو ایک کونے میں رکھ دیا۔ اس نے ایک نظر میرے چہرے پر ڈالی اور پھر کچھ سوچ کر مسکراتا ہوا چلا گیا جیسے جان گیا ہو کہ میں اس کی بات کبھی نہ مان سکوں گا۔
اور میرے دل میں اس وقت کوئی چیخ رہا تھا کہ اس بوڑھے کا کہا ایک ایک لفظ سچ ہے۔ پر اس محبت کا کیا کرتا جو میرے قدموں کی زنجیر بن گئی تھی۔ ’’نہیں۔ ۔ ۔ میں واپس نہیں جا سکتا۔ ‘‘سو میں نے سڑک پر سے گذرتے ایک موٹر سائیکل والے سے لفٹ لے لی۔ وہ کسی گاؤں میں جا رہا تھا۔ میں نے اسے کہا کہ اس سڑک پر مجھے جتنی دور لے جا سکتے ہو لے جاؤ۔ ہمیں چلے تھوڑی ہی دیر ہوئی تھی کہ سامنے والی کار اوورٹیک کرتی ہوئی بے قابو ہوئی اور ہمارے بہت قریب آ گئی۔ وہ گو ہم سے ٹکرائی تو نہیں پر میرا ساتھی موٹر سائیکل سنبھال نہ سکا اور ہم سڑک سے نیچے کھیتوں میں جا گرے۔ آخری چیز جو میں نے محسوس کی وہ خون کا ذائقہ تھا جو میرے چہرے پر گر رہا تھا۔ پھر میرا پورا جسم بے حس ہو گیا۔ مجھے کوئی تکلیف محسوس نہیں ہو رہی تھی بس کانوں میں دھم دھم کی صدائیں گونج رہی تھیں، نبض ڈوب رہی تھی اور پھر آنکھیں بند ہونے کے ساتھ محسوسات کی دنیا سے میرا ہر رابطہ کٹ گیا۔
آنکھیں کھلیں تو میں ہسپتال میں تھا۔ میرے سر پر پٹی بندھی تھی اور گھر والے میرے بستر کے چاروں طرف کھڑے تھے۔ اور ان میں سب سے آگے بھیا تھے۔ ان کے چہرے پر محبت تھی اور ایسی شفقت کہ میں نے خوف کے مارے اپنی آنکھیں بند کر لیں۔ میرے ذہن میں وہ ساری باتیں گونج رہی تھیں
’’قلم لکھ کر خشک ہو گیا۔ ۔ ۔ تم اللہ کی حدوں سے نہیں بھاگ سکتے۔ ‘‘جی میں آئی کہ میں اپنی آنکھیں نہیں کھولوں گا۔
پھر نجانے کتنی دیر میں بخار میں پھنکتا رہا۔ لوگ میرے قریب آ کر باتیں کرتے رہے۔ ۔ ۔ مایوسی کی باتیں۔ جیسے میں اب کبھی نہ اٹھ پاؤں گا۔ ایسی باتیں میرے دل کو مسرت سے بھر دیتیں۔ اگر میں اٹھ ہی نہ پایا تو بھلا وہ جرم کیسے کر سکوں گا۔ میرے سرہانے کلامِ پاک کی تلاوت کی جاتی رہی، نرسیں میرے بازوؤں میں مختلف انجکشن لگاتی رہیں۔ پر میں نے آنکھیں نہیں کھولیں۔ کئی دفعہ کسی نے انہیں ہاتھوں سے کھولنے کی کوشش بھی کی مگر ایسے میں میں چلا اٹھتا اور انہیں زیادہ قوت سے بھینچ لیتا۔
پھر میرا بخار کم ہونے لگا۔ جسم میں اب توانائی سی دوڑتی محسوس ہوتی تھی۔ یہ دوائیں بھی عجیب شئے ہوتی ہیں۔ یہ آپ کی قوتِ ارادی کو توڑ کر بھی آپ کو صحت مند کر سکتی ہیں۔ میرے قریب کھڑے لوگوں کی سرگوشیاں اب امید سے بھرنے لگی تھیں۔ میں نہیں چاہتا تھا کہ اپنی آنکھیں کھولوں مگر ایک طاقت جو اب قید کئے ہوئے وحشی درندے کی طرح جسم کے زنداں سے ٹکرا رہی تھی۔ اس کی ہر چوٹ پر میری آنکھیں کچھ کھلی جاتی تھیں۔ اور پھر میں نے آنکھیں کھول دیں۔ سب لوگوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ بھیا بڑی محبت سے میرے سرہانے آ بیٹھے اور میرے سر کے بالوں میں انگلیاں پھیرنے لگے۔ ماں دعائیں دیے جا رہی تھی۔ ابا فوراً بھاگ کر ڈاکٹر کو بلانے چلے گئے اور باقی سب لوگ بس تمتماتے چہروں سے مجھے دیکھتے رہے۔
میں اتنی محبت کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتا تھا۔ کیسے بتاتا ان کو کہ آپ ایک عفریت سے محبت کر رہے ہو۔ وہ عفریت جو طاقت بحال ہوتے ہی آپ کی خوشیوں کا خون کر دے گا۔ بھائی کی انگلیاں مجھے دہکتے ہوئے کوئلوں کی طرح جلا رہی تھیں۔ میں نے بے مروتی سے انہیں خود سے جدا کرنے کی کوشش کی تو وہ میرے
اور قریب آ گئے۔ میرے سر کو اپنی گود میں رکھنے کی کوشش کرنے لگے۔ اور میں جھنجلا گیا۔ ’’آخر کوئی سمجھتا کیوں نہیں؟‘‘اسی جھنجھلاہٹ میں میں نے سائیڈ ٹیبل پر رکھا لیمپ اٹھا کر بھیا کو دے مارا۔ شاید میں بس انہیں خوفزدہ کرنا چاہ رہا تھا کہ وہ مجھ سے دور بھاگ جائیں۔ جیسے رات کے وقت جنگلی درندے بھیانک آوازیں نکالا کرتے ہیں کہ کوئی ان کے راستے میں نہ آئے۔ یا پھر شاید میں بس اس امتحان سے چھٹکارا پانا چاہتا تھا۔
بھیا پلٹ کر نیچے جا گرے۔ ڈاکٹروں اور نرسوں نے میرے گرد گھیرا ڈال لیا۔ بہت سے ہاتھوں نے میرے بازوؤں اور ٹانگوں کو جکڑ لیا اور پھر مجھے اپنے بازو میں سوئی گھستی محسوس ہوئی۔ شاید مجھے نیند کا انجکشن لگایا جا رہا تھا۔ انہیں لگتا تھا کہ شاید میں پاگل ہو گیا ہوں اور کسی دوسرے کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہوں۔
وارڈ بوائز نے بھیا کو اٹھا کر اسٹریچر پر ڈالا اور انہیں آپریشن تھیٹر کی طرف لے گئے۔ اس وقت ان کے سر سے بے تحاشہ خون بہہ رہا تھا مگر ان کی آنکھیں اب بھی کھلی تھیں اور وہ اب بھی میری طرف دیکھتی تھیں۔
مجھ پر انجکشن کا اثر نہیں ہوا مگر میں نے اپنی آنکھوں کو بند کر لیا۔ ایسے میں مجھے اس مزار والے بوڑھے کا ہیولہ نظر آیا۔ وہ مجھے افسوس سے دیکھ رہا تھا۔ جیسے کہتا ہو کہ ’’والعصر۔ ۔ ۔ ان الانسان لفی خسر۔ ‘‘
جی میں آئی کہ اس کا گریبان تھام لوں اور چیخ چیخ کر اسے بتاؤں کہ میں نے کتنی کوشش کی۔ میں تو بہت دور بھاگ جانا چاہتا تھا۔ ۔ ۔ پر بہت تھک گیا تھا۔ اب آرام کرنا چاہتا تھا۔ لیکن مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ ایسا لگتا تھا جیسے وہ پہلے ہی سب جانتا تھا۔ پھر وہ نرم سے لہجے میں گویا ہوا۔
’’تقدیر کی آندھیوں کے سامنے محبت کے تناور درخت کھڑے نہیں رہ سکتے۔ تقدیر کے آگے تو پہاڑوں کو بھی اپنی جگہ تبدیل کرنا پڑتی ہے۔ اس کے آگے ٹھہر سکتا ہے تو بس جھکا ہوا سر۔ جیسے آندھیوں کے گذرنے پر لمبی گھاس اور نرم پودے پھر سے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ ۔ ۔ پر ہم یہ بات سمجھ نہیں پاتے اور اپنی جڑوں سے اکھاڑ دیے جاتے ہیں۔ تم نے میری بات پر یقین نہیں کیا اور اب بھی نہیں کرو گے۔ پر میں پھر بھی تمہیں بتائے دیتا ہوں کہ نجات اب بھی ممکن ہے۔ اگر یہ ممکن نہ ہوتی تو تمہاری سانسیں نہ چل رہی ہوتیں۔ توبہ کا دروازہ کہیں آسمان میں نہیں ہے۔ یہ تو تمہاری سانسوں سے جڑا ہے۔ ۔ ۔ تم اب بھی سنبھل سکتے ہو۔ ‘‘
اور میں کچھ نہ سمجھ سکا۔ یہ احساس کہ میں ایسے بھیانک گناہ پر بھی معافی مانگ سکتا ہوں مجھے توڑ رہا تھا۔ میں اس سمے اپنے آپ کو اذیت دینا چاہ رہا تھا۔ چاہتا تھا کہ خود کو اٹھا کر جہنم کی گھاٹیوں میں پھینک دوں جہاں رحم اور معافی کی ایک بوند بھی میسر نہ ہو۔
’’نہیں میں اس قابل نہیں کہ معاف کیا جا سکوں۔ ‘‘اور اس احساس کے ساتھ ہی ایک اور تناور درخت آندھیوں سے نبرد آزما ہو گیا۔ زخمی جسموں سے اٹے میدان میں ایک اور جنگ کا طبل بجا دیا گیا(یہ سوچے بنا کہ ہمیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ ہم یوں خود کو سزا سنا سکیں۔ ہمیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ ہم خدا کو جزا و سزا کی صورت ہماری زندگیوں میں اس کے آخری اختیار سے بھی محروم کر دیں)۔
تو میری آنکھیں بند تھیں (کہ کھلی آنکھوں کو دیکھ کر تو وہ لوگ نجانے کتنے اور نیند کے انجکشن لگاتے رہتے۔ ۔ ۔ یہ جانے بنا کہ مجھے کوئی چیز آج سلا نہیں سکتی تھی) اور میں ہولے ہولے روتا تھا اور میرے اردگرد سرگوشیاں ایک بہت بڑے سناٹے میں بدل گئی تھیں۔ سناٹا جو طوفان آنے سے پہلے ہراول دستے کی طرح شہر میں گھومتا پھرتا ہے۔

٭ ٭ ٭

شہرِ حقیقت میں کہانی لکھنا

مجھے صرف تھوڑی سی یکسوئی درکار تھی اور میں وہ کہانی لکھ سکتا تھا۔ مجھے اس خیال کے ساتھ رہتے اتنی دیر ہو چلی کہ اب تو میں اس کہانی کے کرداروں کو پہچاننے لگا تھا۔ جیسے آپ پرانے محلے داروں کو پہچاننے لگتے ہو۔ جیسے آپ ان کے بارے میں غیر ضروری باتیں جاننے لگتے ہو۔ باتیں جنہیں جاننے کی آپ کبھی کوشش نہیں کرتے مگر پھر بھی پتہ نہیں کیسے وہ آپ کے شعور کا حصہ بنتی جاتی ہیں۔ جیسے محی الدین صاحب کے گھر سے اٹھنے والی بگھاری دال کی خوشبو، جیسے فاروق صاحب کے پرانے سائیکل کا جھومتا ہوا ٹائیر، جیسے مہرالنسا کے معاشقے۔
تو یہ سب جاننے کے لئے آپ کو کوئی کوشش نہیں کرنا پڑتی۔ بس یونہی گلی میں سے گذرتے ہوئے ایک نظر کھڑکی میں کھڑی بنی سنوری مہر النسا پر پڑتی ہے اور ساتھ میں گلی کی نکڑ پر موٹر سائیکل صاف کرتا فیصل نظر آتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور آپ جیسے سب کچھ سمجھ جاتے ہو۔
تو ایسے ہی اس کہانی کے کردار بھی میرے اردگرد بکھرے تھے۔ بہت بار میں نے ایک بوڑھے کو گلی کی نکڑ پر بچھے بنچ پر چائے پیتے دیکھا۔ بہت بار ایک لڑکی مجھے کالج کی سیڑھیوں پر بیٹھی دکھائی دی۔ بہت بار ایک لڑکا میرا نیلا کوٹ پہنے بازار میں جاتا دکھائی دیتا۔ میں انہیں اتنی بار دیکھ چکا تھا کہ وہ اب میرے لئے اجنبی نہیں رہے تھے۔ میں انہیں جانتا تھا۔ گرچہ میری گلی کی نکڑ پر کوئی بنچ نہیں تھا، میرے کالج میں کسی لڑکی کا آنا ہی ناممکن تھا اور نیلا کوٹ۔ ۔ ۔ وہ تو میرے پاس کوئی تھا ہی نہیں۔
وہ سب کردار حقیقت اور خیال کی سرحد پہ تیر رہے تھے۔ کچھ ایسے کہ ان کی بڑی بڑی آنکھیں میرے چہرے پہ جمی تھیں۔ وہ مجھے ایسے تکتے تھے جیسے ان کی روح میں دبی ساری تشنگی، انکے جسم سے جھلکتی ساری حسرت بس میری وجہ سے ہو۔ جیسے میں کوئی بھیانک دیو تھا جو خیالو حقیقت کی سرحد پہ انہیں روکے کھڑا تھا۔ جیسے اس شہرِ حقیقت اور انکے بیچ بس میری کمینگی حائل ہو۔
اور میں۔ ۔ ۔ میں تو بہت بے بس تھا۔ شاید اس چوکیدار کی طرح جسے صاحب نے غریب رشتہ داروں کو گیٹ سے ہی واپس بھیج دینے کا حکم دے رکھا ہو۔ اب ان غریبوں کی ساری آہیں، سب بد دعائیں اس چوکیدار سے ٹکرا کر رہ جاتی ہیں۔ صاحب اب بھی ان کے لئے ایک معصوم فرشتہ ہی ہے۔ ۔ ۔ اور اس چوکیدار کی قسمت دیکھیں کہ چند روپوں کے لئے ہزاروں بد دعاؤں کا بوجھ لئے کھڑا ہے۔
میں یقیناً ان کی مدد کرنا چاہتا تھا اور اس کے لئے مجھے بس تھوڑی سی یکسوئی درکار تھی۔ مگر یہ تھوڑی سی یکسوئی کوئی آسان چیز نہیں۔ یہ آسان اس لئے نہیں کہ میں اسی کوشش میں ہزار بار ناکام ہو چکا تھا۔ کبھی کوئی امتحان سامنے آ جاتا، کبھی والدہ کی بیماری آڑے آتی، بہت بار دوست یار کھینچ کر سینما لے جاتے اور میرا خیال کسی امید، کسی خواب کے پہلو میں دبک جاتا۔
پڑھائی ختم ہوئی تو گورنمنٹ کالج لاہور میں لیکچرار کی حیثیت سے کام شروع کر دیا۔ میں بہت خوش تھا کہ گھر اور دوستوں سے دور ایک لیکچرار کی پر فراغت زندگی میں شاید اس کہانی پر کام کر سکوں۔ میرے کرداروں کے چہروں پر بھی ایک زندگی سی دوڑ چلی تھی۔ بوڑھا اب کسی ریستوران میں بیٹھا نظر آتا، لڑکی اب پہلے سے بلند سیڑھی پر پہنچ گئی تھی اور میں نے ایک نیلا کوٹ بھی خرید ڈالا تھا۔
چونکہ آمدنی محدود ہی تھی اس لئے اندرونِ شہر میں ایک چھوٹا سا کمرہ کرائے پر لے لیا۔ یہ کمرہ لیتے ہوئے میں نے خاص طور پر خیال رکھا کہ بازار یہاں سے بہت قریب نہ ہو۔ خوش قسمتی دیکھیے کہ مجھے کمرہ ملا بھی تو ایک بند گلی کے آخری گھر میں۔ پہلے ہی دن میں نے ڈیسک صاف کر کے کھڑکی کے سامنے لگا دیا اور رات کا کھانا کھاتے ہی میں وہاں آبیٹھا۔ میں نے ابھی لکھنا شروع ہی کیا تھا کہ نظر سامنے گھر کی روشن کھڑکی پر پڑی۔ وہاں ایک قبول صورت لڑکی کھڑی مجھے گھور رہی تھی۔ نہیں۔ ۔ ۔ وہ اس سیڑھیوں پر بیٹھی لڑکی سے زیادہ خوبصورت ہرگز نہ تھی۔ ہاں مگر وہ سیڑھیوں پر بیٹھی لڑکی سے کہیں زیادہ زندہ تھی۔ میں نے بال پین ہاتھ سے رکھ دیا اور اسے دیکھنے لگا۔
اب میں تھا اور گورنمنٹ کالج کی دلفریب مجلسی زندگی، گوالمنڈی کے خوش ذائقہ کھانے اور اس کھڑکی سے ہر سو پھیلتا ہو سحر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نے چند دنوں میں ہی اپنے لئے ایک نیا زنداں تعمیر کر لیا تھا اور اس کی اونچی دیواروں کے پیچھے میں خوش بھی بہت تھا۔ بس ایک کسک جو کہیں دل کے اندر تھی۔ جیسے میت کے اٹھتے ہی با عزت گھروں کی چادروں میں لپٹی پر وقار خواتین دیواروں سے لگ جاتی ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ انکا غم بال نوچ کر اور ہاتھ اٹھا اٹھا کر بین کرنے والی عورتوں سے کچھ کم ہے۔ بس وہ اتنی کم ظرف نہیں ہیں کہ دردناک آوازوں کی صورت اپنے دکھوں کا بوجھ دوسروں کے سروں پر لاد دیں۔ یہ تو وہ خواتین ہیں جن کی جھلک بھی کسی غیر مرد نے نہیں دیکھی۔ جن کی آوازیں نوخیز لڑکیوں کی طرح گھر کی دہلیز سے قدم باہر نکالتے ہوئے گھبراتی ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو یہ کسک بھی بس دل کے ملگجے اندھیروں میں دبکی بیٹھی تھی۔ پر اس کی پروا کسے تھی۔ تپتی دوپہروں میں بجھے ہوئے دیے کا کرب کیا معانی رکھتا ہے ؟ تو میں ہنستا رہا اور جیتا رہا۔ وہ اندیشے جو کبھی تنہائی میں مجھے کاٹ کھانے کو دوڑتے تھے اب کونے کھدروں میں پڑے مجھے دکھی نظروں سے دیکھتے تھے۔ اور میں ان دنوں کبھی تنہا نہیں ہوتا تھا۔ ایک احساس ہر وقت میرے ساتھ ساتھ چلتا تھا۔ میں اب سامنے گھر کی دیواروں کے پار بھی دیکھ سکتا تھا۔ جیسے وہ اینٹوں کی نہیں شیشے کی دیواریں ہوں۔ اور اس گھر میں ایک لڑکی تھی جو میرے ساتھ روتی تھی، میرے ساتھ قہقہے لگاتی تھی، میرے ساتھ آنکھیں کھولتی تھی، میرے ساتھ چاند کو دیکھتی تھی۔ ۔ ۔ اور میں ان دنوں کچھ بھی لکھ نہ پاتا تھا۔ اگر کبھی لکھنے بیٹھتا تو نجانے کیسے اسے خبر ہو جاتی اور وہ کھڑکی میں کھڑے ہو کر مجھے محبت بھری نگاہوں سے دیکھنے لگتی(جیسے کسی محبوبہ کا گمان ہونے پر آپ کی بیوی بڑی لگاوٹ سے آپ کو اپنی طرف مائل کرنے کی کوشش کرتی ہے )۔ جیسے کہتی ہو کہ ’’جائیے۔ ۔ ۔ ۔ آپ کو ہماری بالکل بھی پروا نہیں ‘‘۔ میں ہمیشہ اٹھ کھڑا ہوتا اور پھر رات بھر اس کے ساتھ بنا چاند کے چاندنی دیکھتا۔ جی ہاں۔ ہماری تنگ سی گلی اور اردگرد کے اونچے چوباروں کی وجہ سے چاند کا نظارہ تو بہت کم نصیب ہوتا تھا مگر اس کی چاندنی گویا ہماری دلجوئی کو گلی میں اتر آتی۔ نالیوں میں اٹھکیلیاں کرتی، درزوں سے جھانکتی پھرتی۔
ایک دنیا جس میں ہر سیارہ اپنے رستے پر چلا جا رہا ہو۔ ایسے میں اگر دو سیارے ایک دوسرے کا طواف کرنے لگیں تو کب تک پوشیدہ رہ پائیں گے ؟ دو ہنسنے والوں کے قہقہے ، دو رونے والوں کے آنسو اتنے بے حقیقت نہیں ہوتے کہ انہیں چھپایا جا سکے۔ ایک دن محلے کے معززین میرے پاس آئے اور میں بہت دیر تک سر جھکائے ان کی باتیں سنتا رہا۔ اس رات میری کھڑکی بند رہی اور میں اپنے چھوٹے سے کمرے میں ٹہلتا رہا۔ سوچتا رہا اور گلی کے پار ایک بند کھڑکی کے پرے کوئی اور بھی سوچ رہا تھا۔ اگلے ہی دن میں نے ایک قریبی محلے میں دو کمروں کا مکان لے لیا اور اس سحر کو ہمیشہ کے لئے اپنے آنگن کی زینت بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
اب زندگی ابتدائے عشق کی حیرتوں اور انتہائے معرفت کی حسرتوں کے بیچ بڑی مصروفیت سے گزرنے لگی۔ نئی موٹر سائیکل، آرام دہ گھر، پہلا بیٹا، کالج میں ترقی۔ ۔ ۔ اس زندگی کے بھی اپنے مزے تھے۔ اور میں شاید خوش بھی تھا مگر اس روز جب میں نے سیڑھیوں پر بیٹھی لڑکی کو روتے دیکھا۔ ۔ ۔ میں نے اس کے چہرے کو چھوا تو محسوس ہوا کہ ان نیم گرم آنسوؤں میں کیسی زندگی بھری تھی۔ سیڑھیوں کے قریب اداس بیٹھے بوڑھے نے اپنی چائے کی پیالی زمین پر دے ماری اور اب زمین پر گری اس گرم چائے سے بھاپ اٹھتی تھی۔ ۔ ۔ اتنی کہ میری عینک کے شیشے دھندلا سے گئے۔ کتنے زندہ، کتنے بھرپور تھے یہ کردار اور ایک میں تھا جوا نہیں ظاہر ہونے سے روک رہا تھا۔ پر مجھے اپنی زندگی بھی تو گزارنا تھی۔ مگر ایسے میں جب میں نے اس لڑکے کو نیلا کوٹ اتارتے دیکھا تو میں سہم سا گیا۔ کہیں وہ اس کے ٹکڑے ٹکڑے ہی نہ کر ڈالے۔ نہیں۔ ۔ ۔ ۔ اب اور انتظار ممکن نہیں تھا۔
اگلے ہی دن میں نے کالج سے چھ ماہ کی رخصت لے لی اور اپنے گھر کے کمرے میں قلم سنبھال کر بیٹھ گیا۔ میری بیوی بہت دیر تک کرید کرید کر اس تبدیلی کے بارے میں پوچھتی رہی۔ اس نے مسکراتے ہوئے بیٹے کو میری گود میں لا ڈالا، بڑے ناز و ادا سے مجھے لبھانے کی کوششیں کیں۔ لیکن میں اب بہل نہیں سکتا تھا۔ میں اب ایک دوسری دنیا کی طرف دیکھتا تھا۔ ایک دنیا جس میں ہر طرف کردار بکھرے تھے۔ اور آپ کو بس خوشی سے گنگناتے ہوئے چلے جانا تھا۔ ایسے میں آپ کی حالت گلدستے کے لئے پھول چنتی لڑکی کی سی ہوتی ہے۔ ۔ ۔ جو پھول اسے خوبصورت لگتا ہے ، جو خوشبو اسے مسحور کرتی ہے وہ انہیں ساتھ لے چلتی ہے۔ اور ان کرداروں کی آنکھوں میں آپ کو ایک حسرت ملے گی اور ایک بہت بڑی امید بھی۔ حسرت ایسی تشنہ کہ تمام دنیا ان کی آنکھوں میں اتر آئے تب بھی ان کی پیاس نہ بجھ سکے اور امید اتنی گھنی جیسے ساون کی بہت بڑی بارش آسمان، سورج، پرندوں۔ ۔ ۔ ہر شئے کو ڈھانپ لے۔
یہ کردار یتیم خانوں کے ان بچوں کی طرح تھے جنہیں کسی بے اولاد جوڑے کے ساتھ جانے کی خواہش میں خود کو زیادہ سے زیادہ سلجھا ہوا، زیادہ سے زیادہ معصوم اور زیادہ سے زیادہ خوبصورت ظاہر کرنا ہو تا ہے۔ یا پھر جیسے بازارِ حسن کی وہ طوائفیں جنہیں ایسے کریہہ کاروبار کے بیچ بھی حیا اور حسن کے ایسے جال بچھانے ہوتے ہیں کہ آپ کے دل میں خودبخود انہیں اس دنیا سے نکال لے جانے کی خواہش پیدا ہو جاتی ہے۔ تو وہ دنیا ہماری دنیا سے بہت مختلف تھی۔ اور ہماری دنیا میں تو ہر ایک دوسرے سے بچتا پھرتا ہے کہ کہیں وہ اسے اپنے دام کا اسیر نہ کر لے۔ آپ سڑک پر کتنی بھی متانت سے چلے جاؤ، آپ اپنے خیالوں میں کیسے بھی غرق ہو جاؤ، کندھوں کو جھکا کر جتنی بھی بے ضرر حالت میں چلو پر پھر بھی آپ جہاں جاؤ گے چیزیں آپ کے رستے سے ہٹتی جائیں گی۔ چھوٹی چھوٹی چڑیاں، خرانٹ کوے ، تیزی سے دفتر جاتے ہوئے آدمی، اجنبی عورتیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ سب آپ سے دور رہنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ آپ کے قریب آتے ہوئے اپنے جسموں کو حتی الامکان سمیٹ لیں گے ، کن اکھیوں سے آپ کی حرکات پر نظر رکھیں گے۔ یہ آپ سے ایسے بچیں گے جیسے آپ کوئی اچھوت ہو جسے چھونے پر انکا دھرم بھرشٹ ہو جائے گا۔ جیسے کہیں وہ آپ کے قریب چوکنے نہ رہے تو آپ انہیں اپنی کسی جادو کی زنبیل میں بند کر لو گے۔
مگر اس دنیا میں ایسا نہیں تھا۔ وہ تو جیسے ایک بہت خوبصورت شاہراہ تھی جس پر آپ چلے جا رہے ہو اور کردار درختوں سے اتر کر، ٹیلوں کی اوٹ سے ، بارش کی طرح آسمان سے گرتے ہوئے آپ کے قریب چلے آتے ہیں۔ ۔ ۔ گاؤں کے ان بچوں کی مانند جو کسی نئی گاڑی کے گرد جمع ہو جاتے ہیں، اس کے رکنے سے پہلے ہی اس کے ساتھ دوڑنے لگتے ہیں، ہاتھ لگا کر اس کے ہونے کا یقین کر لینا چاہتے ہیں۔ پر وہ گاڑی تو اتنی بڑی حقیقت ہے۔ اس کی دلکش ہئیت، خوبصورت رنگ، کانوں کو چبھنے والا ہارن، ٹائروں سے ٹکرا کر اڑتی دھول۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پھر آخر اس کو چھوکر یقین کرنا کیا معانی رکھتا ہے ؟در حقیقت ان کے دل میں کسی شک کا گمان بھی نہیں ہوتا۔ وہ نئی چمکیلی گاڑی تو ان کے نزدیک سب سے بڑی حقیقت، سب سے بڑا سچ ہوتی ہے۔ وہ اسے چھوتے ہیں تو صرف اس لئے کہ اپنے ہونے کا یقین کر سکیں۔ ۔ ۔ وہ جو اس دور دراز گاؤں کی پگڈنڈیوں کی طرح بے نام اور بے شناخت ہیں، وہ جو مٹی کے ڈھیلوں کی طرح بے ضرورت اور بے شمار ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ انہیں شعورِ ذات کے لئے کسی سہارے کی ضرورت پڑتی ہے۔ تو بس اسی لئے وہ کار کو چھوتے ہیں۔ یہ کردار بھی ان بچوں کی طرح آپ کے قریب آ جاتے ہیں۔ آپ کو چھو لینا چاہتے ہیں۔ آپ کی بے اعتنائی جان جانے پر بھی بہت دور تک آپ کے ساتھ چلتے ہیں۔ اس دن انہوں نے اپنی بہترین پوشاکیں زیبِ تن کر رکھی ہوتی ہیں۔ وہ عدالت میں تاریخ کے لئے جاتے چوہدریوں کی طرح پر وقار نظر آتے ہیں۔
اور یہ سب کچھ آپ کے سامنے ہوتا ہے۔ ۔ ۔ آپ کو صرف اس راہگذر پر چلنا ہے ، اپنی پسند کے کرداروں کو منتخب کرنا ہے اور آپ دیکھو گے کہ تعاون کے لئے یہ ہر حد سے گذر سکتے ہیں۔ جیسے کوئی ادھیڑ عمر اداکارہ ہیروئین کے کردار کے لئے اپنے چہرے پر میک اپ کی تہیں چڑھا لیتی ہے (اتنی کہ چہرہ پلاسٹر آف پیرس کا مجسمہ نظر آنے لگے ) ، اپنے پھیلے ہوئے کولہوں اور بڑھے ہوئے پیٹ کو چھپانے کے لئے خطرناک دوائیں کھانے سے گریز نہیں کرتی (یہ سوچے بنا کہ کردار کی عمر تو ایک پل ہوتی ہے اور ان دواؤں کے نتائج فنکار کو تمام عمر بھگتنا پڑیں گے ) ، اپنی یادداشت اور روح پر ناقابلِ برداشت بوجھ ڈالتے ہوئے نوجوانی کی حرکتیں کرتی ہے۔ تو یہ کردار آپ کے تخیل کو حقیقت میں ڈھالنے کے لئے آخری حد تک جا سکتے ہیں۔ یہاں آپ کچھ بھی کر سکتے ہو۔ چاہو تو تاج محل کو افریقہ کے ریگستانوں میں لے آؤ، ہٹلر سی فطرت کے شخص کو امام مسجد بنا دو، ایک چیونٹی کو magnifyکر کر عفریت میں ڈھال دو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آپ بالکل آزاد ہو۔ عام سی دنیا کی کوئی پابندی یہاں آپ کا راستہ نہیں روک سکتی۔
لیکن اس نگر کے کچھ ضابطے بہرحال ہیں۔ جیسے مغرب کی جسم فروش عورت اپنے ہونٹ چومنے کی اجازت نہیں دیتی، جیسے گھر سے مقدس مقام کو لوٹنے والے ڈاکو الماری میں رکھے قرآن سے ڈر جاتے ہیں۔ پر قرآن تو کہتا ہے کہ ہماری عزتیں، مال اور جان ایک دوسرے پر حرام ہیں۔ ہم کتنی ڈھٹائی سے احکام کی نافرمانی کرتے ہیں اور کیسی نادانی سے ایک بند کتاب سے ڈر جاتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو ہر وجود نے کچھ ایسے ضابطے بنا رکھے ہیں جن کی پاسداری فرضِ عین سے زیادہ حساسیت سے کی جاتی ہے۔ ایسے ضابطے جن کی بنیاد کسی آفاقی اصول، کسی منطق پر نہیں ہوتی۔ وہ تو بس اس لئے ہوتے ہیں کہ انہیں اپنی خود مختاری کا یقین آ جائے۔ اور ان ضابطوں کی حفاظت کے لئے کسی بھی حد سے گذرا جا سکتا ہے۔ کیونکہ ان کے بنا وہ ایک حاکم مطلق سے محکومِ محض میں ڈھل جاتے ہیں۔ جیسے جیل کی کوٹھڑیوں میں قیدی چھوٹی چھوٹی بے حقیقت چیزوں کے لئے لڑ پڑتے ہیں۔ اپنے کونے میں کسی کا بستر جما دیکھ کر جان دینے لینے کے لئے تیار ہو جاتے ہیں۔ پر ہم انہیں غلط نہیں کہ سکتے۔ وقت نے ان سے زندگی کی ساری نعمتیں چھین لی ہیں، ان کی آزادی کو روح کی گہرائیوں تک چھید دیا ہے۔ ۔ ۔ تو ایسے میں یہ مخصوص کونہ، یہ k.2 کا سیگرٹ، یہ پھٹی ہوئی دری ان کی آخری جائیداد ہیں۔ ایسی چیزیں جنہیں وہ اب بھی اپنا کہ سکتے ہیں۔ اگر انہیں چھین لیا گیا تو پھر وہ انسان نہیں رہ سکیں گے۔ وہ چوہوں جیسی کسی حقیر چیز میں تبدیل ہو جائیں گے اور ایسا تو وہ کبھی نہ ہونے دیں گے۔
تو اس دنیا کے کچھ ضابطے ہیں اور سب سے بڑا قانون تو یہی ہے کہ ہماری دنیا سے اس دنیا کا راستہ one wayہے۔ آپ جہاں تک چاہو اس عجیب و غریب دنیا میں چلے جاؤ، جو کردار چاہو اسے زندگی دے دو مگر جب ایک مرتبہ آپ اسے حقیقت کا لباس پہنا دو گے تو پھر وہ ہمیشہ کے لئے اس دنیا کا حصہ بن جائے گا۔ تو ایسے میں ہمیں بہت محتاط رہنا پڑتا ہے۔ میں نے اس دنیا میں ایسے ایسے حسین چہرے دیکھے ہیں جنہیں کبھی دنیا کے سامنے لادوں تو ہر کوئی مبہوت ہو جائے۔ ۔ ۔ پر ایسے تو دنیا کا سارا کاروبار رک جائے گا۔ مجھے صبح کی چائے کے لئے دودھ نہیں مل سکے گا، کالج جانے کے لئے نکلوں گا تو سڑکوں پر گاڑیاں نہ ہوں گی، کلاس روم میں پہنچوں گا تو کمرہ بھائیں بھائیں کرتا ہو گا۔ نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آپ ایسے حسن کو نہیں دکھا سکتے۔ ایسے ہی اس دنیا میں وہ عفریت بھی چھپے ہیں جو پوری انسانیت کے شعور کو جھنجوڑ سکتے ہیں، جو یاجوج ماجوج کی طرح ہماری اس برسوں میں بنائی دنیا کو کھاتے چلے جائیں گے ، اپنے بڑے بڑے دانتوں اور نہ ختم ہونے والی بھوک سے ہر شئے کو ختم کر ڈالیں گے۔
تو آپ کو بہت محتاط رہنا پڑتا ہے۔ آپ کو بس ایسے کردار لے کر آنا ہیں جو اتنے خوبصورت، اتنے دلچسپ تو ہوں کہ لوگ انہیں دیکھ کر محظوظ ہو سکیں، تھوڑا سوچ بھی سکیں۔ ۔ ۔ ۔ پر اگر اس سے کچھ زیادہ سامنے آتا ہے تو نتائج برداشت نہیں کئے جا سکتے۔ اور ہم لوگ ہمیشہ اس بات کا خیال رکھتے ہیں پر کبھی کبھار کچھ غلط ہو جاتا ہے۔ میں بتا نہیں سکتا کہ یہ کیسے ہوتا ہے۔ بس جیسے آپ کسی سنسان سڑک پر چلے جا رہے ہو اور ایسے میں آپ کو ایک بلی کا بچہ نظر آتا ہے۔ آپ بس ترحم کے نامعلوم جذبے سے اسے پچکار دیتے ہو، یا محض محبت بھری نگاہ ہی ڈالتے ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور وہ ممنون نظروں سے آپ کی طرف دیکھتا ہے اور دم ہلاتا پیچھے چلا آتا ہے۔ اب کچھ فرق نہیں پڑتا کہ آپ اسے جتنا جھڑک دو، کچھ فرق نہیں پڑتا کہ آپ بہت بے رحم بن کر اسے چھوٹا موٹا پتھر بھی مار ڈالو۔ ۔ ۔ ۔ وہ سر جھکائے آپ کے پیچھے آتا رہے گا۔ آپ لاکھ گھر کے دروازے اس پر بند کر ڈالو مگر وہ کہیں نہیں جائے گا(پر کہیں جانے کے لئے ہمیں کوئی جگہ بھی تو درکار ہوتی ہے۔ ۔ ۔ کیا خبر وہ کہیں جا ہی نہ سکتا ہو)۔ رات کے پچھلے پہر آپ اسے بھوک سے روتا پاؤ گے اور صبح جو کام پر جانے کے لئے نکلو تو وہ مشتاق نگاہوں سے کل والی ہمدردی کی کھوج میں آپ کے اردگرد گھومے گا۔
آپ اسے سمجھا نہیں سکتے۔ ۔ ۔ آپ تو خود نہیں سمجھتے کہ جب دل میں ایسا کچھ نہیں تھا تو پیار سے اسے پکارا ہی کیوں تھا؟ ہم انسان بہت سے ایسے کام کر گزرتے ہیں جن سے ہمارا مطلب کچھ نہیں ہوتا۔ ۔ ۔ پر ان معصوموں کی زندگی کے اصول مختلف ہوتے ہیں۔ بلکہ سچ کہوں تو شاید زندگی کے اصول صرف انہی کے
پاس ہوتے ہیں۔ ان کے نزدیک ہر لفظ، ہر ادا ایک معانی رکھتی ہے۔ ان کے نزدیک محبت عمر بھر کے لئے ہوتی ہے۔ تو وہ بلی کا بچہ مہینوں تک آپ کو محبت بھری شکایت سے دیکھا کرے گا(اور ہم لوگ جو محبت سے بھی گھبرا جاتے ہیں) اور یہاں تک کہ آپ اسے گاڑی کی ڈگی میں ڈال کر اتنی دور چھوڑ آؤ گے کہ وہ واپس نہ آ سکے۔
تو میں نہیں جانتا کہ کب وہ بوڑھا، وہ لڑکی، وہ لڑکا اس بلی کے بچے کی طرح میرے پیچھے آ گئے تھے۔ نجانے میں نے ایسا کیا کیا تھا؟ پر وہ اب یہاں موجود تھے اور یقیناً اب جانے کے نہیں تھے۔ مجھے اب ان کی کہانی لکھنا ہی تھی۔ کہانی جو اس بوڑھے شخص کی بھاپ اڑاتی چائے کی پیالی سے نیلا کوٹ پہن کر جاتے لڑکے اور سیڑھیوں پر بیٹھی لڑکی کی محبت تک بکھری تھی۔ اور یہ کوئی آسان کام نہیں تھا۔ مجھے بڑے انہماک، بڑی ٹکٹکی لگا کر انہیں دیکھنا تھا۔ اس بوڑھے کے چہرے کی ہر شکن میں، اس لڑکی کی آنکھوں کی تھکن میں ایک کہانی چھپی تھی اور مجھے ان ہزاروں چھوٹی چھوٹی کہانیوں کو ایک بڑی کہانی میں ڈھالنا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سو میں اب یہ کام کر رہا تھا۔ پوری لگن، پوری جستجو سے۔
اور میرے اردگرد ایک دوسری دنیا تھی۔ میرے اردگرد لوگ رہتے تھے۔ لوگ جنہیں ہر روز، ہر گھڑی آپ کو محبت اور وفاداری کا یقین دلانا پڑتا ہے۔ جو برسوں سے آپ کے ساتھ رہ کر بھی گھڑی گھڑی بے یقین ہو جاتے ہیں اور انکے قدموں کی رفتار سست ہونے لگتی ہے۔ آپ کو رکنا پڑتا ہے۔ کہیں پیچھے جا کر قسمیں کھانا پڑتی ہیں کہ آپ ان سے بہت محبت کرتے ہو، کہ آپ ان کے لئے جان بھی قربان کر دو گے اور بس تب ہی آپ انہیں چند قدم اور چلا پاتے ہو۔
تو دونوں دنیائیں بہت مختلف ہیں۔ ہم انہیں ساتھ لے کر کیسے چل سکتے ہیں؟ پتہ نہیں چھ مہینے کی چھٹی میں نے کیا سوچ کر لی تھی۔ یقین کیجئے کہ میرے ذہن میں گمان تک نہیں تھا کہ میں کبھی اپنی نوکری پر جا سکوں گا، کبھی دوبارہ اپنی محبت کرنے والی بیوی کی طرف دیکھ پاؤں گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن میں یہ بات کسی کو بتا نہیں سکتا تھا۔ مجھے ہر کام کو کسی سمجھدار انسان کی طرح کرنا تھا۔ سو میں نے چھ مہینے کی رخصت لے لی۔ میرے اندر کوئی مسکرا رہا تھا جیسے کہ ’’خوب بیوقوف بنایا میں نے دنیا کو‘‘۔ ۔ ۔ اور میں نے ان سے کہا کہ میں ایک ناول لکھوں گا اور پھر اپنے کمرے میں جا بیٹھا اور ’’انہیں ‘‘دیکھنے لگا۔ ایسے میں کتنی بار میرے لئے چائے کی پیالی آئی اور وہیں میز پر پڑی ٹھنڈی ہوتی رہی، کتنی بار میری بیوی نے مجھے آوازیں دیں، کتنی بار میرے ماں باپ کو بلوایا گیا مگر میں ان کرداروں میں الجھا رہا۔ میرے سامنے ہمیشہ ایک خالی سفید کاغذ رہتا۔ میں مہینوں میں اس پر ایک لفظ بھی نہ لکھ پایا پر یہ کوئی بڑی بات نہیں تھی۔ جب آپ ایسی کھوج میں ہوتے ہو تو پھر وقت کا حساب ترک کرنا پڑتا ہے۔ حقیقت کبھی راستے میں پڑی نہیں ملتی(اور اگر ملتی بھی ہے تو صرف انہیں جن کے لئے اس کا وجدان کرنا ممکن ہی نہیں ہوتا)۔ بیش قیمت ہیرے گہری تاریک کانوں میں چھپے ہوتے ہیں اور سڑکوں پر تو محض سنگریزے مل سکتے ہیں۔ تو ایسی جستجو میں آپ کو شکار کی گھات میں بیٹھی بلی کی طرح چوکنا اور ساکت ہونا پڑتا ہے۔ آخر کو آپ کا شکار بھی لومڑی سے زیادہ چالاک، گرگٹ سی تیزی سے رنگ بدلنے والا، اور خرگوش سا ڈرپوک ہوتا ہے۔ لیکن جب آپ بہت ساکت ہو سکو۔ ۔ ۔ ۔ اتنا کہ ماحول کا حصہ بن جاؤ تو آہستہ آہستہ آپ کے سامنے حقیقت کی پرتیں کھلنے لگتیں ہیں۔ جیسے دکانوں میں لگے خفیہ کیمرے لوگوں کو ایسی حرکتیں کرتے پکڑ لیتے ہیں جن کا سوچنا ہی شاید عام حالات میں محال ٹھہرے۔
تو اب یہ کردار آپ کے سامنے کھلنے لگتے ہیں۔ یہ واضح اور زیادہ زندہ ہونے لگتے ہیں۔ تو اب میں اس لڑکی کی سسکیاں سن سکتا تھا، اس نیلے کوٹ پر لگی خوشبو سونگھ سکتا تھا، بوڑھے کی آنکھوں میں رقصاں عکس دیکھ سکتا تھا۔ ان کی سوچ کی ہر جہت، ان کی زندگی کی ہر جھلک مجھے میری کہانی سے قریب کر رہی تھی۔
ایسے میں کبھی دوسرے کمرے سے بچے کے رونے کی آواز آ جاتی یا پھر گلی میں سے کوئی پھیری والا گذرتا تو میرے سامنے منظر دھندلانے لگتا۔ میں اپنے کانوں میں روئی ٹھونس لیتا، دونوں ہتھیلیوں سے انہیں پوری قوت سے ڈھانپ لیتا مگر یہ آوازیں کوئی نہ کوئی راستہ نکال ہی لیتیں۔ میں جھنجلا جاتا۔ دل ہی دل میں ساری دنیا کو کوسنے لگتا۔ آخر کیوں نہیں رک جاتے یہ پھیری والے ، یہ سیٹیاں بجاتے چوکیدار، یہ روتے ہوئے بچے ، یہ لڑتی ہوئی عورتیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بس تھوڑی دیر کو رک جائیں۔ اور پھر انہیں اجازت ہو گی کہ اپنی پوری قوت سے چلائیں اور شور مچائیں اور میں اس دن ان کے ساتھ شور مچاؤں گا۔ اتنا کہ اس کمرے کی دیواروں میں سمٹا سناٹا کہیں دور بھاگ جائے گا۔ کیا میں بہت زیادہ مانگ رہا تھا؟
پھر ایک دن گھر سے بچے کے رونے کی آوازیں آنا بند ہو گئیں (آوازیں جو کہیں بیک گراؤنڈ میں ہمیشہ گونجتی رہتیں)۔ پھر بہت سے لوگ رونے لگے (جو یقیناً بچے نہیں تھے مگر پھر بھی رو رہے تھے )۔ میں ان کی آوازیں سنتا رہا۔ شاید ان کے ساتھ چلتا ہوا کہیں گیا بھی۔ میرے ہاتھوں نے کسی سرد سے چہرے کو چھوا بھی(اور وہ سرد چہرہ میرے بیٹے کا تو نہ ہو سکتا تھا کہ اس کا جسم تو ہمیشہ گرم ہوتا تھا۔ پھر ہاتھ لگانے پر تو وہ ویسے بھی کھلکھلا اٹھتا۔ ۔ ۔ ۔ نہیں وہ کوئی اور ہی جسم ہو گا)۔ تو سب کچھ میرے سامنے تھا مگر میں اسے کبھی اکٹھا نہ کر سکا۔ جیسے دھوبی کی کاپی میں بہت سی لکیریں لگی نظر آتی ہیں۔ لکیریں جنہیں اگر وہ حساب جانتا تو محض ایک عدد میں اکھٹا کر سکتا تھا۔ پر اب اسے تمام لکیروں کے نوٹوں کے تقابل سے ہی کام چلانا تھا۔ تو ایسے ہی میں نے سب کچھ دیکھا مگر میرے اندر کوئی synthesisنہیں ہو سکا۔ میں سمجھ نہیں پایا کہ کیسی قیامت گذر چکی ہے۔
اور اس کے بعد میرے اردگرد سناٹا بڑھنے لگا۔ مجھے لگا کہ میری محنت رنگ لا رہی ہے۔ بس اس سناٹے کو کبھی کبھار کسی کی دبی دبی سسکیاں خوفزدہ کر دیتیں۔ وہ جھٹ سے کمرے کے کونے میں دبک جاتا اور پھر بہت دیر، بہت دنوں کے بعد واپس آ پاتا۔ کئی مہینے اسی کھیل میں گذر گئے اور پھر مجھے دبی دبی نسوانی ہنسی سنائی دینے لگی، اپنے گھر میں بھاری مردانہ قدموں کی دھمک محسوس ہونے لگی(گو انہیں بہرحال بڑی آہستگی سے رکھا جا رہا تھا پر آپ جب بہت دیر تک آوازیں نہیں سنتے تو آپ کے کان بہت حساس ہو جاتے ہیں۔ اور یہ بھی قسمت کی ستم ظریفی ہے کہ آپ تبھی ان آہٹوں کو سننے کے قابل ہوتے ہو جب آپ انہیں روکنے کے لئے کچھ کر نہیں سکتے۔ اور عام دنوں میں جب آپ غیرت اور توانائی سے بھرپور ہوتے ہو تو باوجود کھوج کے ایسا کچھ معلوم نہیں کر پاتے ) ، اپنے گھر کی کھڑکی کے باہر سرگوشیاں کرتی عورتیں محسوس ہونے لگیں (جیسے کوئی بہت بری بات ہونے والی ہو)۔
میں ان دنوں اس لڑکی کے ماضی میں جھانک رہا تھا۔ اس نے برسوں پہلے اس لڑکے کو اپنی کھڑکی سے دیکھا تھا۔ لڑکے نے ایک نظر اس پر ڈالی اور پھر گھنٹوں تلک مبہوت کھڑا رہا۔ وہ لڑکی بہت جھنجھلائی اور اسی کیفیت میں اس نے نیلی سیاہی کی پوری بوتل اس پر انڈیل دی۔ اس کی سفید شرٹ خراب ہو چکی تھی پر وہ اب بھی وہیں کھڑا تھا۔ اس سے بے پرواہ کہ لوگ اسے دیکھ کر ہنستے ہوئے گذر رہے تھے۔ پھر وہ ہر روز آنے لگا۔ کھڑکی سے تھوڑی دور ایک ہوٹل تھا۔ وہ وہاں بیٹھ جاتا اور کن اکھیوں سے اسے دیکھتا رہتا(شاید وہ اس لڑکی کو بدنام نہیں کرنا چاہتا تھا)۔ اور وہ ہمیشہ نیلی شرٹ پہنتا۔ اور پھر جب اس کے گھر والوں اور دوستوں نے ایک ہی رنگ کی شرٹ پہننے پر اس کا مذاق اڑانا شروع کیا تو اس نے ایک نیلا کوٹ خرید لیا(بالکل میرے کوٹ کی مانند۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بلکہ وہ شاید میرا کوٹ ہی تھا)۔ اب وہ شام سے ذرا پہلے یہ کوٹ پہنتا اور اس گلی میں آ جاتا۔ خاموشی سے ہوٹل پر بیٹھ کر بوتل پیتا اور پھر شام ہونے پر (جب اس کھڑکی کو دیکھنا ممکن نہ رہتا) اپنے گھر چلا جاتا۔
تو میں اپنے کرداروں میں کھویا ہوا تھا اور میرے گھر میں شور بڑھنے لگا۔ ۔ ۔ آدمیوں کی آوازیں جو اب دھیما بولنے کی زحمت نہیں کرتے تھے ، کھوکھلے نسوانی قہقہے جن میں زندگی کم ہوتی جاتی تھی، اونچی موسیقی جو سر، تال، موسیقار اور گلوکار کا مقبرہ معلوم ہوتی کہ سب اس میں ہمیشہ کے لئے غائب ہو جاتے۔ اب راتوں کی گہرائی میں کبھی کبھار کوئی عورت بڑی دردناک آواز میں روتی بھی تھی۔ ۔ ۔ ۔ اور ایک دن مجھے چیخنے کی آوازیں سنائی دیں۔ پچھلے کمرے کی دیوار پر گڈ مڈ ہوتے ہوئے سائے دکھائی دیے۔ سائے جو ایک دوسرے کو بھنبھوڑ رہے تھے۔ ۔ ۔ ۔ دیواروں سے ٹکراتے سائے اور پھر خاموشی چھا گئی۔ اتنی خاموشی کہ مجھے لگا کہیں سناٹا بھی گھبرا نہ جائے۔ کہیں اتنا خوفزدہ نہ ہو جائے کہ کمرے کے کونے میں دبکنے کی بجائے کہیں باہر بھاگ جائے۔ ۔ ۔ ۔ پھر ایک سایہ میرے سر پر آن کھڑا ہوا۔ اس کے ہاتھوں میں شاید کوئی چاقو تھا جس کا پھل اتنی گھنی چاندنی میں بھی چمک نہیں رہا تھا۔ اس پر کسی سرخ لجلجی سی شئے کی تہہ چڑھی تھی۔ وہ کچھ دیر میرے پاس کھڑا رہا۔ اس نے بہت بار چاقو کو اٹھایا کہ جیسے وہ اسے میری گردن میں گھونپ دینا چاہتا ہو اور پھر پتہ نہیں کیا سوچ کر ہر بار رک گیا۔ آخرِ کار اس نے چاقو کو میرے قدموں میں پھینک دیا اور تیز تیز قدم اٹھاتا کہیں چلا گیا۔ میں جان گیا تھا کہ کچھ بہت برا ہو چکا ہے۔ میں شاید اٹھ کر دیکھنا بھی چاہتا تھا پر مجھے وہ لڑکی آج کالج کی سیڑھیوں پر بیٹھی نظر آ رہی تھی۔ ابھی چھٹی ہونے
والی تھی۔ کچھ دیر میں نیلے کوٹ والا لڑکا اپنی کلاس سے نکلے گا اور اسے یہاں بیٹھے دیکھے گا اور پھر وہ دونوں برسوں سے رکی باتیں کریں گے۔ ۔ ۔ نہیں، میں آج کہیں نہیں جا سکتا تھا۔ میں بیٹھا رہا اور اس رات میرے گھر میں اداسی سسکیاں لیتی رہی۔
پھر دن چڑھنے کے بعد مکھیوں کی بھنبھناہٹ سی چہ میگوئیاں گونجنے لگیں۔ پولیس کا سائرن بھی سنائی دیا۔ لوگ بار بار میرے کمرے میں آرہے تھے۔ مجھے دیکھ کر وہ کچھ خوفزدہ ہو جاتے اور بڑبڑاتے ہوئے کمرے سے باہر نکل جاتے۔ تھوڑی دیر میں موٹی توند کا ایک تھانیدار دو پتلے سپاہیوں کے ساتھ اندر داخل ہوا۔ انہوں نے میرے ہاتھوں پہ ہتھکڑی لگا دی اور مجھے دروازے کی طرف گھسیٹنے لگے۔ میں انہیں بتانا چاہتا تھا کہ میرا اس کمرے میں رہنا کتنا ضروری ہے۔ اس کمرے میں میری اتنی یادیں جو جڑی تھیں اور پھر کہیں اور پتہ نہیں میں وہ کردار دیکھ بھی پاتا؟ پر میں کچھ بھی نہ کہ سکا۔
کہنا تو میں یہ بھی چاہتا تھا کہ کچھ دیر انتظار کر لو۔ شام ڈھلنے دو اور پھر مجھے لے جانا۔ میں نے بہت دن سے چاندنی کو نہیں دیکھا تھا اور اس تیز دھوپ میں تو میری آنکھیں چندھیا جائیں گی۔ پر میں کچھ نہ بولا اور بس خاموشی سے پولیس کی گاڑی کے شیشوں پر محلے کے مکان تیرتے دیکھتا رہا۔
وہ دونوں اب اکثر ملنے لگے اور کوئی ان کی محبت کا راز نہ جانتا تھا۔ سوائے ایک بوڑھے کے جو ہمیشہ اس لڑکے کے پیچھے بیٹھ کر ہوٹل میں چائے پیا کرتا تھا۔ وہ ایک مصور تھا اور اندرون شہر کی زندگی کو کینوس پر منتقل کرنا چاہتا تھا۔ اسی لئے وہ وہاں گھنٹوں تک آ کر بیٹھا رہتا۔ اور ایک دن اس نے اپنی پہلی تصویر بنا ڈالی۔ تصویر جس میں وہ گلی زندہ ہو گئی(اس سے کہیں زیادہ جتنی کہ وہ تھی)۔ اتنی زندہ کہ اسے دیکھنے والے ہر شخص نے کھڑکی میں کھڑی لڑکی اور بوتل پیتے ہوئے لڑکے کی محبت کو بھانپ لیا۔
مجھے مارا جاتا رہا، تیز چبھنے والی دھوپ میں عدالت میں پیش کیا جاتا رہا۔ میں انہیں بتانا چاہتا تھا کہ یہ سب میری کہانی کو متاثر کر رہا ہے۔ میں کہنا چاہتا تھا کہ تنگ کمروں میں میری سانس گھٹتی ہے ، ہتھکڑی پہننے سے میرے ہاتھوں میں زخم ہو گئے ہیں اور جج کے آڈر آڈر کہنے پر میرے سارے کردار روشنی جلنے پر گھومتے کیڑوں مکوڑوں کی طرح کہیں اوٹ میں چھپ جاتے ہیں۔ پر میں خاموش رہا۔ عدالت میں کہی گئی کسی بات، وہاں اٹھائے گئے کسی الزام پر میں نے "I object"نہیں کہا۔ پھر مجھے کسی تنگ کوٹھڑی میں لا پھینکا گیا۔ یہاں بہت سناٹا تھا، بڑی خاموشی۔ اس سے کہیں بڑی خاموشی جتنی ہم کمرے سے آوازوں کو نکال کر حاصل کر سکتے ہیں۔ شاید اس کمرے سے جانے والے آہستہ آہستہ اس میں بسی ساری زندگی کو نکال کر لے گئے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میرے سارے کردار آہستہ آہستہ اندھیرے کونوں سے نکلنے لگے اور میں پہلی بار اب انہیں بغیر کسی خوف کے دیکھ سکتا تھا۔ بغیر کسی اندیشے کے کہ وہ پھر سے بھاگ اٹھیں گے۔ اب میں ان کی کہانی لکھ سکتا تھا۔ میں زمین سے اٹھا اور ابھی چند قدم ہی چلا تھا کہ لوہے کی سرد سلاخوں سے ٹکرا گیا۔ میرے ٹکرانے سے راہداری میں شور گونجا۔
’’کیا ہے ؟‘‘
’’مجھے کاغذ چاہیے اور بال پین‘‘ میں نے سپاٹ لہجے میں کہا۔
’’ٹھیک ہے آج تمہیں سب کچھ ملے گا۔ پر کیا بہتر نہیں کہ تم آج کی رات خدا کی یاد میں گذار دو۔ ‘‘اس آواز میں اب ہمدردی تھی۔
میں کچھ نہیں بولا پر سوچتا رہا کہ کیا میں واقعی خدا کو بھولتا جا رہا ہوں؟کیا مجھے آج کی رات سکون سے بیٹھ کر اس کی نوازشات کا شکر ادا کرنا چاہیے جیسے کہ مجھے کہا جا رہا تھا؟پر عبادت سب کچھ چھوڑ کر اس سے لو لگانے کا نام تو نہیں ہے۔ عبادت تو بس اس وظیفے کو انجام دیے جانے کا نام ہے جس کے لئے مخلوق کو پیدا کیا گیا۔ جیسے درخت رات دن، سردی گرمی سے بے نیاز زمین سے نمکیات اور پانی جذب کرتے رہتے ہیں اور سایہ، پھل اور آکسیجن جیسی چیزیں پیدا کرتے رہتے ہیں۔ جیسے سورج، چاند، ستارے ارب ہا سالوں میں بھی اپنے راستوں سے انحراف نہیں کرتے۔ اور قرآن میں تو آتا ہے کہ درخت، پہاڑ، سورج سب ذکرِ الہی کرتے ہیں۔ تو یقیناً اپنا کام کئے جانا ہی سب سے بڑا ذکر ہے۔
تھوڑی دیر میں کسی نے سلاخوں سے کاغذ اور بال پوائینٹ کو سرکا دیا اور میں پوری دلجمعی سے وہ کہانی لکھنے لگا۔ اس لڑکی کی کہانی جو شام سے ذرا پہلے ایک ٹوٹی ہوئی کھڑکی پر آ کھڑی ہوتی اور وہ اس سمے اتنی خوبصورت لگتی کہ نیلے کوٹ میں ملبوس لڑکا اسے روز دیکھ کر بھی سیر نہ ہوتا۔ اس دوران اس گلی سے بہت سے لڑکے گذرتے۔ ۔ ۔ ۔ پیلے ، گہرے سرخ، سبز کوٹ پہنے ہوئے لڑکے اور کوٹوں کے بغیر لڑکے۔ ان میں سے کئی اس کھڑکی کی طرف دیکھے بنا ہی گذر جاتے۔ کچھ ایک نظر کھڑکی پر ڈالتے ، ان کے دل میں وہیں تھم جانے کی شدید خواہش جنم لیتی پر زندگی انہیں چلا لے جاتی۔ ۔ ۔ کسی دکان چلانے کی طرف، کسی محبوبہ کی گلی میں، کسی فلم کی جانب۔ کچھ نے پتھروں پر کاغذ لپیٹ کر کھڑکی کی طرف پھینکے (نجانے انہوں نے اس پر ایسا کیا لکھ رکھا تھا۔ ۔ ۔ ۔ شاید کوئی جادوئی جملہ جو اس لڑکی کو اسیر کر سکے )۔ پر اس نے کبھی انہیں اٹھا کر نہ دیکھا۔ اور اس کے پاؤں میں سرخ، پیلے اور سفید کاغذوں کا ڈھیر لگتا گیا۔ کبھی کبھی اس لڑکے کے جی میں آتی کہ کسی طرح اس کھڑکی تک پہنچ جاؤں اور ان تمام کاغذوں کو اکھٹا کر لوں۔ پر اس کے لئے اُسے کھڑکی سے نظریں ہٹانا ہوں گی اور ایسا بھلا ممکن کہاں تھا۔ اور ہر شام وہ وہاں اس وقت تک کھڑا رہتا جب تک کہ اندھیرا اتنا گہرا نہ ہو جاتا کہ وہ کچھ دیکھ ہی نہ پاتا۔ پھر ایک ہیولہ کھڑکی کے اندر چلا جاتا اور نیلے کوٹ والا لڑکا اپنے گھر کی طرف واپس چلا کھ بالاr do the winds dry it upجاتا۔
کہانی چلتی رہی۔ میں تمام رات لکھتا رہا اور میں نے اس صبح کے متعلق لکھا جب لوگوں نے دریا سے کسی لڑکی کی پھولی ہوئی لاش نکالی۔ اسے پوسٹ مارٹم کے بعد سرد خانے میں رکھ دیا گیا۔ اس رات سرد خانے میں صرف ایک اور لاش تھی۔ ایک نوجوان لڑکے کی لاش جس کے جسم پر تشدد کے نشان تھے اور جس کا نیلا کوٹ سرخ خون سے بھرا تھا۔ تو اس رات مردہ خانے میں دو لاشیں پڑیں تھیں جنہیں غالباً اب ایک دوسرے کے پہلو میں دفنا دیا جانا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ہمیشہ کے لئے ساتھ رہنا شاید اسی کو کہتے ہوں گے۔ اور کیا خبر ان دونوں قبروں میں کوئی کھڑکی ہو جس سے وہ ہمیشہ ایک دوسرے کو دیکھ سکیں۔
میں نے کہانی ختم کر کے بال پوائنٹ نیچے رکھا اور انگڑائی لے کر اٹھنے کو تھا کہ دو مضبوط ہاتھوں نے مجھے تھام کر اٹھا لیا۔ وہ مجھے چلاتے ہوئے باہر صحن میں لے آئے۔ یہ بہت صبح کا وقت تھا۔ اتنی کم، اتنی نرم روشنی یقیناً میری اندھیرے کی خوگر آنکھوں کے لئے نقصان دہ نہیں تھی۔ اور پھر انہوں نے مجھے ایک چبوترے پر کھڑا کر دیا اور میری گردن میں پھندا ڈالنے لگے۔ میرے چاروں طرف کچھ لوگ سر جھکائے کھڑے تھے جیسے کسی سنجیدہ اور اہم کام میں مصروف ہوں۔
’’کیوں چڑھا رہے ہو مجھے پھانسی پر۔ ۔ ۔ ۔ میں بے قصور ہوں ‘‘۔ میں نے چلا کر کہا۔
’’اپیل کا وقت ختم ہو چکا۔ اب خدا کو یاد کرو‘‘۔
’’پر میں خدا کو بھولا ہی کب تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور اپیل کا وقت ابھی سے کیسے ختم ہو گیا۔ آج ہی تو میں نے اپنی کہانی مکمل کی ہے۔ دیکھو میں نے ابھی تو اپنی نیند سے جلتی آنکھوں کو موندا بھی نہیں۔ ‘‘
میں بہت کچھ بولنا چاہتا تھا مگر رسی سے لٹکنے کی وجہ سے آواز حلق میں قید ہو کر رہ گئی اور وہ سارے الفاظ جو میں نے برسوں کی ریاضت سے سیکھے تھے ، ہلکی ہلکی خرخراہٹوں میں تبدیل ہو کر بے اثر ہونے لگے۔ میں جانتا تھا کہ اگر مجھے موقع دیا جائے تو میں انہیں اپنی بے گناہی کا یقین دلا دوں گا۔ میری کتاب کی صورت میرے پاس ایک مضبوطalibiموجود تھی۔ پر یہاں میری سن کون رہا تھا؟میں نے اس لاقانونیت پر احتجاج کرنے کی کوشش کی۔
’’I object, your honor ‘‘میں پوری قوت سے پکارا اور فضا میں خوفزدہ کرنے والی خرخراہٹیں گونجیں۔ ۔ ۔ میں الفاظ کے بنا انہیں کیسے یقین دلاتا؟ میں انہیں دیکھ نہیں سکتا تھا مگر جانتا تھا کہ ہر چہرے پر ایک بدمزگی پھیلی ہو گی۔ شاید وہ سمجھ جاتے اگر وہ میرا چہرہ ہی دیکھ لیتے۔ ان میں سے یقیناً کوئی پکار اٹھتا کہ یہ تو ایک ایماندار شخص کا چہرہ ہے۔ اور پھر بلند آوازوں کے بیچ بہت سے ہاتھ مجھے اس تختے سے کھینچ لیتے۔ مگر میرے چہرے پر تو نقاب پڑی تھی۔ میں اس غیر انسانی حالت میں انہیں کیسے قائل کر پاتا؟
دلیل کو خاموش ہو جانا پڑا اور یقیناً میرے اردگرد کھڑے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہو گا۔ اگر وہ بھیانک آوازیں کچھ دیر اور گونجتیں تو شاید ان میں سے کئی خوف اور کراہت کے مارے بھاگ کھڑے ہوتے۔ اور پھر ایک سمٹتی ہوئی دلیل نے معدوم ہونے سے پہلے مجھے اپنی آغوش میں لے لیا۔
’’کیا فرق پڑتا ہے ایک زندگی کے ہونے نہ ہونے سے۔ میں نے اس دنیا کو ایک شاہکار کہانی دی ہے۔ محبت کی لازوال داستان کہ لوگ جسے صدیوں تک یاد کریں گے۔ اور روئیں گے کہ وقت نے کیسے نابغۂ روزگار شخص کو ختم کر دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ میری بے نام قبر کو ڈھونڈ نکالیں گے اور اس پر ایک عظیم الشان مزار بنا دیں گے اور پھر وہاں قرآنی آیات کی تلاوت ہو گی۔ میں نے تکلیف سے پھٹی جاتی آنکھوں کو بے پناہ طاقت سے بند کرنے کی کوششیں ترک کر دیں اور خاموشی سے ان قرآنی آیات کو سننے لگا۔
اس لاش کو پندرہ منٹ لٹکنے کے بعد اتار لیا گیا۔ چند گھنٹوں میں اسے اس کے اقربا کے حوالے کر دیا گیا جو اسے دفنانے کے لئے گاؤں لے گئے۔ اگلی صبح صفائی کرتے ہوئے جمعدار کو اس کی کوٹھڑی میں کاغذات کا پلندہ ملا۔ اس نے انہیں ایک سپاہی کو دکھا کر پوچھا کہ ان میں کہیں کوئی اہم کاغذ تو نہیں۔ سپاہی نے انہیں دیکھا، کچھ صفحات الٹے پلٹے اور پھر جمعدار کو واپس کر دیا۔
’’نہیں سب ردی ہے ‘‘۔
٭٭٭

زندگی سے ایک ملاقات

میری آنکھیں ایک گانے پر کھلیں جس میں کوئی بڑی خوبصورتی سے گا رہی تھی
''I'm a fool in love, to a fool in love....with you''
میں کچھ دیر یونہی آنکھیں بند کئے پڑا رہا اور گانے کے پر تاثیر بول میری روح میں جذب ہوتے رہے۔ یہ آوازیں میری Dream machineسے آ رہی تھیں (جی ہاں ان جاپانیوں نے اپنے اس الارم کا یہی نام رکھا ہے۔ ۔ ۔ قسمت کی ستم ظریفی دیکھیے کہ خواب توڑنے والے کو خواب گر کہ دیا گیا۔ ۔ ۔ پر یہ شاید بہت غلط بھی نہیں تھا کہ نئے خواب دیکھنے کے لئے بیدار ہونا اور ایک بھرپور دن گزارنا لازمی ہوتا ہے۔ وگرنہ آپ رات بھر بے چینی سے پہلو بدلتے رہتے ہو اور اگر کبھی رات گئے کہیں آنکھ لگ بھی جاتی ہے تو بھی خواب نہیں آتے اور اگر آتے بھی ہیں تو مجہول اور کراہت انگیز خواب)۔ تھوڑی دیر ہی میں میں نے آنکھیں کھول دیں۔ میں نے گانے کو چلتے رہنے دیا اور آہستہ سے کھڑکی تک چلا گیا اور بلائینڈز کو ہٹا دیا۔ میرے سامنے ایک خوبصورت، چمکیلا دن تھا۔ میں اپنی اس کھڑکی سے بہت کچھ دیکھ سکتا تھا۔ بہت ساری اونچی عمارتیں، نیچے سڑکوں پر کھڑی چھوٹی چھوٹی گاڑیاں، نکتوں کی صورت گھومتے آدمی، سمندر کی ایک جھلک اور سمندر کے پار سبز پستہ قد پہاڑوں کا ایک وسیع سلسلہ۔ ہر صبح میں یہ منظر دیکھتا اور ہر صبح میرا دل ایک بہت بڑے تشکر اور اطمینان سے بھر جاتا۔ جب آپ نیویارک میں رہتے ہو تو جیسے آپ ایک ہی وقت میں ساری دنیا میں رہ رہے ہوتے ہو۔ اس شہر میں وہ سب کچھ ہے جس کی طلب کبھی مسافروں کو سفر پر مجبور کیا کرتی تھی۔ ۔ ۔ پر سفر تو اب بھی ہوتے ہیں۔ اس شہر میں دنیا کے مصروف ترین ائیر پورٹ اور ریلوے اسٹیشن ہیں۔ یہ راز میں کبھی سمجھ نہیں پایا۔
شاور لینے کے بعد میں نے اپنی الماری کھولی۔ اس میں میرے سب سوٹ بڑے سلیقے سے ڈرائی کلین ہوئے پڑے تھے۔ میں ایسا شخص نہیں تھا جو کچھ بھی پہن لیتا۔ میری ٹائی سے لے کر جوتوں تک ہر چیز ہمیشہ بہترین ہوتی۔ میں اچھی طرح جانتا تھا کہ کس کپڑے میں کونسا رنگ کیسے لباس کے لئے موزوں رہے گا اور اسے سینے کے لئے کس ڈیزائینر کی ضرورت پڑے گی۔ تو میری الماری ایسے ہی کپڑوں سے بھری تھی اور پھر ہر صبح میں کھڑکی سے باہر دیکھتا تو جیسے یہ شہر میرے کانوں میں سرگوشی کرتا کہ مجھے آج کیا پہننا چاہیے۔ ایسے میں میری ہاؤس کیپر ماریانہ کو ہر چیز تیار رکھنی پڑتی۔ ویسے وہ چونکہ اب بہت سالوں سے میرے ساتھ تھی اس لئے وہ میری ترتیب کو جان گئی تھی۔ وہ اتنی قابلِ اعتماد اور محنتی تھی کہ Saturday nightکے ہنگاموں کے بعد بھی(جس میں میرا اپارٹمنٹ کسی یونیورسٹی کے ہوسٹل کا منظر پیش کرتا) جب میں اتوار کو سو کر اٹھتا تو ہر چیز اپنی جگہ آ چکی ہوتی۔ اب تو میں آنکھیں بند کر کر بھی اگر الماری سے تیسرا سوٹ نکالتا تو مجھے یقین ہوتا کہ وہ نیلا ہی ہو گا، فریج میں دائیں ہاتھ پر ہمیشہ میرے پسندیدہ اورنج جوس کا ڈبہ رکھا ہوتا۔ وہ ہمیشہ میرے جانے کے بعد آتی اور میرے آنے سے پہلے واپس چلی جاتی۔ صرف اتوار کے دن میں اسے دیکھ پاتا یا پھر جب کبھی کسلمندی یا بیماری کی وجہ سے چھٹی کرتا۔
تو میں نے تیار ہو اخبار اٹھائی اور جوس کی چسکیاں لیتے ہوئے سرخیاں دیکھنے لگا۔ ایسے میں میری نظر میز پر پڑے ایک گلابی کاغذ پر پڑی۔ ماریانہ کے ہوتے ہوئے ایسی بے ضابطگی ممکن تو نہ تھی پر پھر سوچا کہ شاید اس نے کوئی پیغام لکھ رکھا ہو۔ ویسے بھی کاغذ کو سلیقے سے تہہ کیا گیا تھا اور میز پر رکھے کرسٹل کو اس پر رکھ دیا گیا تھا تاکہ وہ اڑ نہ جائے۔ میں نے کاغذ کھولا۔ اس کے عین بیچ میں بڑی خوبصورت لکھائی میں لکھا گیا تھا
’’50thاسٹریٹ کے سب وے اسٹیشن پر تمہیں ایک Saxophoneبجانے والا ملے گا۔ ‘‘
میں نے صفحے کو الٹا پلٹا مگر اس پر اور کچھ بھی نہ لکھا تھا۔ میں سمجھ نہیں پایا تھا کہ اس پیغام کا مقصد کیا تھا؟یہ لکھائی ویسے بھی ماریانہ کی نہیں ہو سکتی تھی۔ وہ ہسپانوی عورت تو انگلش بھی مشکل سے بول پاتی تھی۔ پر اس کے علاوہ تو اس گھر میں کوئی اور نہیں آتا تھا۔ ۔ ۔ پھر th50اسٹریٹ؟مجھے یاد نہیں پڑتا کہ میں کبھی اس اسٹیشن پر گیا بھی ہوں گا۔ جب کبھی میں سب وے استعمال کرتا بھی تھا تب بھی مجھے ہمیشہnd42اسٹریٹ پر ہی اترنا ہوتا تھا۔ تو میں اس پیغام کو سمجھ نہیں پایا تھا مگر میں نے اسے اپنی جیب میں رکھ لیا اور سوچا کہ دفتر جا کر ماریانہ سے فون پر اس کے بارے میں پوچھ لوں گا۔ نیچے میرے نئی BMWکھڑی تھی۔ گرچہ صبح کے وقت سڑکوں پر قیامت کا رش ہوتا تھا پر میں ہمیشہ اپنی کار میں ہی جاتا۔ مجھے معلوم تھا کہ اس طرح میں ہر روز اپنے وقت کا آدھ گھنٹہ ضائع کرتا تھا مگر میں اسے اس طرح دیکھتا تھا کہ یہ وقت میں اپنے پسندیدہ شہر کے بیچ گذارتا تھا اور ریڈیو پر اپنی پسند کے گانے سن سکتا تھا۔ باقی سارا دن تو ایک عجیب طرح کی بھاگ دوڑ میں گذرتا۔ آج پہلے جی میں آئی کہ گاڑی چھوڑ کر ٹرین لے لوں اور اس سیکسوفون والے کو ڈھونڈنے کی کوشش کروں۔ پر ایک تو یہ وقت کا ضیاع ہوتا اور دوسرا ابھی گیارہ بجنے میں تو ویسے بھی بہت وقت تھا۔
دفتری مصروفیات کی وجہ سے میں اس گلابی کاغذ کو یاد نہ رکھ سکا۔ شام کو گھر واپس آیا تو کھانے کی میز پر پڑے کرسٹل کو دیکھ کر مجھے اس کا خیال آیا۔ پر اب بہت دیر ہو چکی تھی۔ ماریانہ کب کی گھر جا چکی ہو گی اور اب تو وہ سیکسو فون والا بھی وہاں نہیں ہو گا(اگر وہ کوئی حقیقت ہے بھی)۔ ہمیشہ کی طرح میرا کھانا تیار تھا۔ کھانے کے بعد میں اپنی آرام کرسی میں دھنس گیا اور ٹی وی دیکھتا رہا اور پھر شاید وہیں اونگھنے لگا۔ تھوڑی دیر میں مجھے احساس ہوا تو اٹھ کر بستر پر جا لیٹا اور میرا دن ختم ہو گیا۔
میری اگلی صبح کا آغاز ایک نئے گانے سے ہوا۔ پردے ہٹائے تو آج آسمان پر گہرے بادل تھے۔ شاید تھوڑی دیر میں بارش ہونے کو تھی۔ تیار ہونے کے بعد ناشتے کی میز پر پہنچا تو وہاں اس کرسٹل کے نیچے ایک اور گلابی کاغذ پڑا تھا۔ میری نظر فوراً بیرونی دروازے کی طرف گئی پر وہ تو لاک تھا۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ کل جب میں گھر آیا تو اس میز پر کوئی کاغذ نہ تھا۔ بہرحال میں نے اسے اٹھا کر پڑھا۔ اس میں وہی تحریر لکھی تھی۔ کیا خبر یہ وہی کل والا کاغذ ہو؟میں نے جلدی سے الماری میں رکھے سوٹ کی جیب میں دیکھا۔ کل والا کاغذ وہیں موجود تھا۔
اب انتظار ممکن نہیں تھا۔ میں نے ماریانہ کے گھر فون کیا۔ وہ میری آواز سن کر بہت حیران ہوئی۔ اس سے پہلے مجھے کبھی اسے فون کرنے کی ضرورت نہیں پڑی تھی۔ بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ مجھے کبھی بھی اسے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں پڑی تھی۔ پہلے دن آتے ہی اس نے میرے اپارٹمنٹ کا جائزہ لیا اور پھر کچن میں گھس گئی۔ اس دن کے بعد مجھے ہر چیز ہمیشہ تیار ملتی۔ تو وہ حیران تھی اور فون کی وجہ پوچھ رہی تھی۔ اس کے پیچھے سے بچوں کے شور مچانے کی آوازیں آ رہی تھیں۔ ایک چھوٹی بچی کسی بات پر رو بھی رہی تھی۔ غالباً وہ انہیں سکول جانے کے لئے تیار کر رہی تھی۔ ویسے مجھے شور کرتے بچوں اور برتنوں سے اٹھنے والی آوازوں سے بڑی حیرت ہوئی۔ مجھے لگا جیسے اس کا گھر بڑا بے ترتیب سا ہو گا۔ جگہ جگہ بچوں کے کھلونے بکھرے ہوں گے ، سنک میں رات کے دھونے والے برتن پڑے ہوں گے ، پردوں کا رنگ میلا ہو چکا ہو گا۔ ۔ ۔ اور میرے گھر میں تو وہ جیسے ہوا پر قدم رکھتی تھی۔ میں نے آج تک اسے کوئی غیر ضروری بات کرتے نہ دیکھا تھا۔ بہرحال وہ اس کی اپنی زندگی تھی اور یہاں وہ میری زندگی کا حصہ تھی۔ اور یہ بھی ممکن تھا کہ وہ بہت زیادہ سلیقے ، بہت زیادہ محنت کے بعد تھک سی جاتی اور اس کے گھر کی بے ترتیبی اور شور اسے احساس دلاتے کہ وہ اب کام پر نہیں ہے۔
’’مجھے ان گلابی کاغذوں کے بارے میں پوچھنا ہے جو میز پر رکھے تھے۔ ‘‘
اسے کچھ دیر تو میری بات سمجھنے میں لگی مگر پھر اس نے بتا یا کہ وہ ایسے کاغذوں کے وجود سے قطعی لاعلم ہے۔ میں نے اس کا شکریہ ادا کر کر فون بند کر دیا۔ ماریانہ کے علاوہ اور ایسا کون تھا جو یہاں آ سکتا۔ ایک چابی میری سابقہ گرل فرینڈ کے پاس بھی تھی پر وہ تو مہینوں سے پیرس میں تھی۔ شاید بلڈنگ انتظامیہ کے پاس کوئی چابی ہو؟میں نے انکے سپروائیزر کا نمبر گھمایا۔ اس نے بتایا کہ چابی تو ان کے پاس ہے مگر یہ ممکن نہیں کہ ان کا کوئی آدمی اپارٹمنٹ میں گھسا ہو۔
’’کیا آپ کے خیال میں پولیس کو اطلاع کر دی جائے ؟‘‘اس نے استفسار کیا۔
’’نہیں۔ ۔ ۔ شاید میرے کسی دوست کی شرارت ہو گی۔ ‘‘میں نے کہا۔
’’ہاں یہی ہو سکتا ہے۔ ۔ ۔ پھر دیکھیے نہ کوئی چیز بھی تو نہیں اٹھائی گئی۔ ‘‘اس نے کہا۔
میں نے باہر جاتے ہوئے گیٹ کیپر سے بھی پوچھا مگر اس نے بھی کسی نئے آدمی کو یہاں نہیں دیکھا تھا۔ میں اب تھوڑا سا پریشان تھا، کوئی تھا جو کم از کم دو مرتبہ میری موجودگی میں ہی میرے اپارٹمنٹ میں آیا تھا اور مجھے احساس ہی نہ ہو سکا تھا۔ مانا کہ میری نیند بہت گہری ہوتی ہے مگر پھر بھی وہ کون تھا جو میرے ساتھ یہ کھیل کھیل رہا تھا۔ میں نے فیصلہ کیا کہ آج گیارہ بجے اسٹیشن پر جاؤں گا اور دیکھوں گا کہ اس تحریر کا کیا مطلب ہے ؟
دفتر میں مجھے چند ضروری کام تو نمٹانے ہی پڑے مگر دل کسی طرح کام میں نہ لگ رہا تھا۔ گیارہ بجے سے پندرہ منٹ پہلے ہی میں دفتر سے نکل آیا۔ میں نے گاڑی کی بجائے سب وے لینا ہی مناسب سمجھا۔ اس وقت اسٹیشن بالکل خالی تھا۔ گاڑیاں بھی سب خالی ہی چلی آ رہی تھیں۔ آخر اس وقت سفر کرتا ہی کون ہے غیر ملکی سیاحوں اور ریٹائرڈ بڈھوں کے سوا۔ میں th50اسٹریٹ پر اترا تو اسٹیشن بالکل خالی نظر آیا۔ تھوڑی دیر ادھر ادھر گھوم کر ایک بنچ پر جا بیٹھا۔ ٹھیک گیارہ بجے مجھے تھوڑی دور سے سیکسوفون بجانے کی آواز آئی۔ ۔ ۔ ہوا پہ تیرتی ایک ایسی خوبصورت آواز کہ باقی سارا اسٹیشن کہیں بیک گراؤنڈ میں چلا گیا۔ دیواروں پر لگے خوبصورت اشتہارات محض لہکتے ہوئے رنگوں میں ڈھل گئے۔ اور تب مجھے خبر ہوئی کہ میں یہاں پہلی بار نہیں آیا تھا۔ آج سے بہت سال پہلے شاید غلطی سے میں اس اسٹیشن پر اتر گیا تھا۔ اس دن بھی یہی آواز یہاں گونج رہی تھی۔ میں نے قریب جا کر دیکھا تو ایک سیاہ فام بوڑھا تھا جو آنکھیں بند کئے بڑے انہماک سے سیکسوفون بجا رہا تھا۔ مجھے یوں لگا جیسے اس نے اپنی زندگی کے سارے درد و غم کو مجسم کر دیا ہو۔ ۔ ۔ اتنا مجسم کہ میں بھی اسے دیکھ سکتا تھا۔ یا پھر جیسے اس نے میرے چاروں طرف کسی ماورائی آئینے کی دیواریں اٹھا دیں ہوں جن میں میں اپنے ہر دکھ، ہر خوشی کو لہکے دیکھ سکتا تھا۔ مجھے لگا جیسے میں سارا دن وہیں کھڑا وہ دھن سنتا رہوں گا۔ پھر میں اس کے قریب ہونے لگا۔ ایسے میں گہری دھمک کے ساتھ ایک ٹرین اسٹیشن پر آ کھڑی ہوئی اور اس کا خود کار دروازہ میرے سامنے کھل گیا۔ مجھے اس دن کوئی جلدی نہیں تھی، کہیں جانا نہیں تھا اور پھر ٹرینیں تو ہر پانچ منٹ کے وقفے سے آ رہی تھیں۔ اور میں رکنا بھی چاہتا تھا، اس سے پوچھنا چاہتا تھا کہ وہ اتنا اچھا کیسے بجا سکتا ہے۔ ۔ ۔ پر پتہ نہیں کیوں میں تقریباً بھاگتا ہوا ٹرین میں چلا گیا۔ جیسے کہ میرے پاس اس کے سوا کوئی راستہ ہی نہیں تھا۔ جیسے دنیا کی ساری منطق اور وضاحتیں مجھے وہاں ٹھہرنے سے روکتی ہوں۔ ۔ ۔ دروازہ بند ہو گیا، ٹرین چل پڑی اور لمحوں میں اس اسٹیشن سے بہت دور آ گئی مگر وہ آوازیں میں بہت دیر تک اپنے کانوں میں گونجتی سنتا رہا۔
تو یہ وہی اسٹیشن تھا۔ ۔ ۔ غالباً وہی بوڑھا ہو گا کہ دھن تو وہی تھی۔ ۔ ۔ اداس، دل کو چھو لینے والی، نرم سی دھن۔ پرجا کر دیکھا تو یہ کوئی اور نوجوان سا لڑکا تھا۔ پتہ نہیں میں نے ایسا کیوں سوچا تھا۔ اس واقعے کو تو نجانے کتنے برس بیت گئے تھے۔ وہ بوڑھا تو اب کہیں مر کھپ گیا ہو گا۔ پر پھر میں نے لڑکے کی طرف دیکھا تو مجھے ایک عجیب سا احساس ہوا۔ مجھے لگا جیسے وہی بوڑھا اس کے جسم میں چھپا بیٹھا ہو۔ ۔ ۔ مجھے لگا جیسے لوگ مرتے نہیں بس جسم تبدیل کر لیتے ہیں۔ اس کے سامنے زمین پر پڑے ہیٹ میں لوگوں نے سکے ڈال رکھے تھے۔ تھوڑے سے سکے۔ ۔ ۔ اتنے کم کہ وہ ان سے دوپہر کا کھانا بھی نہیں کھا سکتا تھا۔ پر کون کہتا ہے کہ اسے پیسوں کی ضرورت تھی۔ اگر اسے پیسے ہی چاہیے ہوتے تو وہ اتنے سنسان وقت میں کیوں بجاتا؟صبح یا شام کو بجاتا تو اس کا ہیٹ سکوں سے بھر جاتا۔ ۔ ۔ نہیں اسے پیسے نہیں چاہیے تھے۔ وہ تو بس اس دھن کو بجانا چاہتا تھا۔ ایک خالی اسٹیشن میں جہاں وہ دھن اس کے اندر کے سناٹے سے مل کر ماورائی ہو جاتی تھی۔ اور وہ ہیٹ۔ ۔ ۔ اس میں تو چند سکے شاید اس نے خود ہی گرائے تھے تاکہ لوگوں کو اسے سمجھنے میں کوئی مشکل نہ ہو۔ اب اگر وہ بہترین کپڑوں میں ملبوس ہو کر کہیں یہ دھن بجاتا تو لوگ الجھن میں پڑ جاتے۔ وہ سمجھ نہیں پاتے کہ وہ ایسا کیوں کر رہا ہے ؟وہ کیاچاہتا ہے ؟تو اس نے ایک ہیٹ اٹھا کر سامنے رکھ دیا اور اس میں چند سکے پھینک دیے اور اس کے ساتھ ہی لوگوں کے ذہنوں میں ابھرنے والا ہر سوال خاموش ہو گیا۔ اب لوگ اس کے گرد جمگھٹا نہیں بناتے ، اب ہر ایک اس کے قریب سے مطمئن سا گذر جاتا ہے اور وہ جسے محض اپنی دھن سے سروکار ہے پریشان نہیں کیا جاتا۔ تو میں چاہتا تھا کہ تمام دن وہاں بیٹھا رہوں اور اسے سنتا رہوں (حیران کن بات ہے مگر میں اس گلابی کاغذ کے متعلق تک بھول گیا تھا) مگر ایسے میں ایک ٹرین اسٹیشن پر آ کر رکی اور اس کا خود کار دروازہ میرے سامنے کھل گیا۔ ۔ ۔ جیسے مجھے اپنی طرف بلا رہا ہو۔ اور میں گویا نیند میں چلتا ہوا ٹرین میں جا بیٹھا۔ ٹرین کا دروازہ بند ہوا اور اس لڑکے نے ایک لمحے کو آنکھیں کھول کر میری طرف دیکھا اور شاید مجھے دیکھ کر مسکرایا بھی۔ اگلے ہی لمحے ٹرین چل پڑی۔ نئی تہذیب کا Orpheusموسیقی کے دیوتاؤں سے کہیں زیادہ طاقتور تھا۔ ٹرین بڑی تیزی سے nd42اسٹریٹ کی طرف بڑھے جا رہی تھی اور وہ دھن اب بھی میرے کانوں میں گونجتی تھی۔ ایک لمحے کو میں سب کچھ بھول گیا تھا۔ اپنے دفتر کی مصروفیات، اس گلابی کاغذ سے پیدا ہونے والی جھنجھلاہٹ، سب کچھ۔ ۔ ۔ لیکن یہ سب بس ایک لمحے کے لئے تھا۔ ہم انسان اتنے خوش قسمت کہاں ہیں کہ ہمیشہ کے لئے ان ماورائی لمحات میں رہ سکیں۔
اس شام کو میں نے اپنے اپارٹمنٹ کا دروازہ کھولا تو سب سے پہلے نظر کھانے کی میز پر پڑی۔ اس پر کوئی کاغذ نہیں تھا۔ میں نے ماریانہ کا تیار کیا ہوا کھانا کھایا اور حسبِ معمول ٹی وی کے سامنے جا بیٹھا۔ مگر آج میرا دل ٹی وی پروگراموں میں نہیں لگ رہا تھا۔ بہت دیر تک میں بیزاری سے اپنی آرام کرسی پر پہلو بدلتا رہا اور ٹی وی کے چینل تبدیل کرتا رہا اور پھر اکتا کر اٹھ کھڑا ہوا۔ میں نے گھر کی سب روشنیاں جلا دیں۔ ساری کھڑکیوں اور دروازوں کو اچھی طرح لاک کیا(وہ سب لاک تو بہر حال پہلے سے تھیں)۔ اس کے بعد باتھ روم میں گھسا کہ مبادا وہاں سے کوئی راستہ ہو جس سے کوئی اندر آ سکے مگر جب وہاں ایگزاسٹ فین لگا دیکھا تو یہ خیال بھی ترک کرنا پڑا۔ بستر کے نیچے ، الماریوں کے اندر، کچن کیبنٹس میں ہر جگہ دیکھ ڈالا۔ اور آخر تھک ہار کر اپنی آرام کرسی پر ڈھیر ہو گیا۔
’’یقیناً اس کی وضاحت ہو سکے گی۔ مجھے بس ذرا سکون سے سوچنا ہے۔ ‘‘
پھر جو سکون سے سوچنے بیٹھا تو خیال آیا کہ اس اپارٹمنٹ میں داخلے کا واحد راستہ بیرونی دروازہ ہی ہے۔ سو میں نے ایک بھاری صوفے کو گھسیٹ کر اس کے سامنے رکھ دیا۔ اب کسی کے لئے ممکن نہ تھا کہ مجھے بیدار کئے بنا یہاں داخل ہو سکتا۔ اس کے بعد میں روشنیاں گل کر کر اپنے بستر پر جا لیٹا۔ مگر آج نیند نہیں آ رہی تھی۔ ایسا لگتا تھا جیسے ابھی کسی دیوار میں کوئی خفیہ دروازہ کھلے گا(دروازہ جس کے وجود سے میں ہمیشہ نا آشنا رہا تھا۔ ۔ ۔ پر یہی تو ان خفیہ دروازوں کا مقصد ہوتا ہے ) اور کوئی سایہ دبے پاؤں مجھے میز کی طرف جاتا دکھائی دے گا۔ ایسا کچھ بہر حال نہیں ہوا۔ بس کمرے میں لگے وال کلاک کی ہلکی سی ’’ٹک ٹک‘‘ تھی اور باہر شیشے پر گرنے والی بارش کی مدھم سی ’’سر سر‘‘۔ میں بہت دیر جاگتا رہا اور پھر دن کی تھکاوٹ اور بے پناہ اکتاہٹ کی بدولت سو گیا۔
صبح جب مقررہ وقت پر میری Dream machineنے مجھے بیدار کیا تو میں ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھا اور فوراً ہاتھ بڑھا کر اسے بند کر دیا۔ آج اس سے اٹھنے والی سریلی آواز بھی مجھے زہر لگ رہی تھی۔ ایک ندامت پورے بدن پر چھائی ہوئی تھی۔
’’آخر میں ایک رات بھی جاگ نہیں پایا۔ ‘‘
اور ساتھ ہی کم سونے کی بدولت جسم پر سستی سی چھائی تھی۔ بستر سے اٹھتے ہی میری نظر میز پر رکھے گلابی کاغذ پر پڑی۔ میری ساری سستی اور بیزاری فوراً ہوا ہو گئی۔ میں تقریباً دوڑتا ہوا میز تک پہنچا۔ آج بھی اسی شستہ لکھائی میں اس پر ایک نیا جملہ لکھا تھا
’’روٹ 87نارتھ پر آخری ایگزٹ۔ ۔ ۔ چھ میل کے بعد بائیں مڑنا ہے اور پھر ٹھیک دو میل۔ ‘‘
کیا بیکار تحریر ہے ؟ یہ آخری ایگزٹ تو یہاں سے کوئی پانچ گھنٹے کی مسافت پر ہو گا اور پھر بھلا مجھے وہاں جا کر ملنے بھی کیا والا ہے ؟ لیکن حیرت کی بات ہے کہ یہ کاغذ آج پھر میز پر پہنچ گیا تھا۔ میں اس وقت تو سر جھٹک کر شاور لینے چلا گیا مگر سوچ رہا تھا کہ آج ہی کسی سیکیورٹی ایجنسی سے بات کر کر گھر میں motion sensorsلگوا دیتا ہوں۔ اس کے بعد تو یقیناً اپارٹمنٹ میں داخلہ ناممکن ہو جائے گا۔
’’ہاں میں ایسے ہی کروں گا۔ یا پھر اگر ایک پوری رات جاگ سکوں تو میں اسے خود ہی پکڑ لوں گا۔ ‘‘ویسے اس سب کا مقصد ابھی تک میری سمجھ میں نہیں آ یا تھا۔
پارکنگ لاٹ سے گاڑی باہر نکالی تو دیکھا کہ گاڑیوں کا ایک ہجوم تھا جو شہر کی طرف جا رہا تھا(یہ بالکل ویسا ہی تھا جیسے روز ہوا کرتا تھا مگر نجانے کیوں آج اسے دیکھ کر مجھے وحشت ہو رہی تھی) اور شہر سے باہر جانے والی سڑک پر اکا دکا گاڑیاں چل رہی تھیں۔
’’کتنا مزا آئے گا اس خالی سڑک پر لانگ ڈرائیو پر جاتے ہوئے۔ ‘‘
ایک خیال میرے ذہن میں آیا اور میں نے گاڑی کا رخ باہر کی جانب موڑ دیا۔ تھوڑی ہی دیر میں میری گاڑی 87نارتھ پر دوڑے چلے جا رہی تھی۔ موبائل فون سے میں نے آفس میں بتا دیا کہ میں آج فلو کی وجہ سے نہیں آ پاؤں گا۔ میری سیکریٹری نے مجھے سوپ پینے اور بستر پر لیٹے رہنے کی ہدایت کی۔
’’ضرور‘‘ میں نے اس تیقن سے کہا جیسے کہ میں واقعی سوپ پینے والا تھا اور تمام دن مجھے بستر میں گھسے رہنا تھا۔
یہ ہائی وے کینڈا کے باڈر کی طرف جاتی ہے۔ بہت خوبصورت راستہ ہے۔ دونوں طرف سرسبز پہاڑ ہیں۔ سڑک پر جا بجا ہرنوں کی گذرگاہوں کی نشان دہی ہے تاکہ ڈرائیور محتاط رہیں۔ ایک دو جگہ پر مجھے ہرن دکھائی بھی دیے لیکن انہوں نے یقیناً مجھے نہیں دیکھا کیونکہ ان کی ساری توجہ تو پہاڑوں پر لگی بْوٹیاں کھانے پر تھی۔ مجھے تھوڑی سی شرمندگی بھی ہوئی کہ ایک میں ہوں کہ ہر چیز کو آنکھیں پھاڑے دیکھے چلا جا رہا ہوں اور ایک باقی سب ہیں جنہیں میری اتنی بھی پروا نہیں کہ نظر اٹھا کر دیکھ بھی سکیں۔ جھنجھلا کر میں نے فیصلہ کیا کہ اب نظر سڑک پر ہی مرکوز رکھوں گا۔ پر تھوڑی ہی دور ایک خوبصورت وادی نظر آئی تو میں اس کے نظارے میں کھو گیا۔ پھر جب خیال آیا تو ندامت تو ہوئی پر میں نے سر جھٹک دیا اور سوچنے لگا
’’میں آج اتنے سالوں کے بعد نکلا ہوں اور یہ تو ہزاروں گاڑیوں کو روز گذرتے دیکھتے ہیں۔ ان کی لاپروائی اور میری مشاقی دونوں ہی سمجھ میں آنے والی چیزیں ہیں۔ سو ایک ساتھ رہ سکتی ہیں۔ ‘‘
ایک وقت تھا۔ ۔ ۔ آج سے برسوں پہلے جب کرسٹینا میری دوست تھی۔ اسے لانگ ڈرائیوز کا بے پناہ شوق تھا۔ ان دنوں ہم اکثر اس سڑک پر آیا کرتے تھے۔ میں ہمیشہ بیزاری کے عالم میں ساتھ والی نشست پر بیٹھا رہتا اور وہ شہر سے باہر نکلتے ہی پر جوش ہو جاتی۔ مجھے چھوٹی چھوٹی چیزیں دکھاتی، ہر بار دور سے دور جانے کی کوشش کرتی اور پھر جب اس نے مجھے بروس کے لئے چھوڑ دیا تو میں اکیلا بھی ایک مرتبہ یہاں آیا تھا۔ آخری دفعہ ان سب مناظر کو دیکھنے کے لئے جو ہم دونوں کے بیچ مشترک تھے۔ اس دن میں بہت تیز گاڑی چلا رہا تھا۔ میرے سامنے منظر بڑی تیزی سے گذر رہے تھے اور پھر ایک جگہ منظر اتنی تیزی سے بدلنے لگے کہ میں گھبرا گیا۔ میں نے گاڑی کو سڑک کنارے بنی ایک چھوٹی سی جگہ پر روک دیا۔ گاڑی سے باہر نکلا تو ایک بلند پہاڑ کے نیچے ایک خوبصورت دریا بہتا تھا۔ وہ جگہ اتنی خوبصورت تھی کہ میں وہاں بیٹھ جانا چاہتا تھا۔ پر وہاں بیٹھتا تو میں کرسٹینا کو، اس کے غم کو بھول جاتا۔ میں پھر سے گاڑی میں سوار ہو گیا اور گھنٹوں کی ڈرائیو کے بعد نیو یارک پہنچ گیا۔ آتے ہی میں بستر پر گر گیا اور گہری نیند سو گیا۔ صبح جب دن چڑھے بیدار ہوا تو کرسٹینا میری زندگی سے جا چکی تھی۔
آج آخری ایگزٹ سے مڑا تو احساس ہوا جیسے میں پہلے بھی یہاں آ چکا ہوں۔ تھوڑی دور ایک اونچا پہاڑ نظر آ رہا تھا۔ رستے میں آنے والے قصبات کے نام بھی مانوس سے لگ رہے تھے اور جب میں کاغذ پر لکھی ہدایات کے مطابق دو میل چلا تو مجھے بائیں جانب سڑک کنارے کار روکنے کے لئے جگہ بنی دکھائی دی۔ میں گاڑی سے باہر نکلا تو مجھے احساس ہوا کہ یہ وہی جگہ تھی۔ دائیں جانب ایک اونچا پہاڑ تھا اور بائیں جانب ایک چھوٹا سا مگر تند دریا بہتا تھا۔ میں آج آگے بڑھ کر اس کے کنارے بیٹھ گیا۔ میں نے جوتے اتار کر پاؤں اس سرد پانی میں رکھ دیے۔ ہر طرف ایک عجیب سی مہک پھیلی ہوئی تھی۔ تھوڑی تھوڑی دیر میں پرندوں اور جانوروں کی آوازیں بھی سنائی دے جاتیں۔ سب کتنا پرسکون اور زندگی سے بھرپور تھا۔
تو یہ وہی جگہ تھی۔ ۔ ۔ پر میں نے کبھی اس لانگ ڈرائیو کا ذکر کسی سے نہ کیا تھا۔ تو پھر یہ کون تھا جو مجھے یوں پیغامات لکھ کر ایسی جگہوں پر بلا رہا تھا؟ میں وہاں بیٹھا رہا اور سوچتا رہا۔ سہ پہر کو میں وہاں سے نکلا تو رستے میں ایک چھوٹے سے Dinerسے کھانا کھایا۔ ویٹرس بہت خوش اخلاق تھی۔
’’تم نیو یارک سٹی سے آ رہے ہو نہ؟‘‘
میں نے اثبات میں سر ہلا دیا۔
’’مجھے پتہ تھا۔ میں تمہیں دیکھتے ہی سمجھ گئی تھی۔ ۔ ۔ کیا مونٹریال جا رہے ہو؟‘‘
’’نہیں ‘‘
’’تو پھر کیا چیز تمہیں اتنی دور لے آئی؟‘‘اس نے بڑے عام سے انداز میں سوال کیا۔
میں نے تھوڑا سا سوچا اور بولا
’’یہاں سے کوئی چار میل دور پہاڑ کے دامن میں دریا بہہ رہا ہے۔ اس کے کنارے ایک بڑا سا درخت ہے۔ سڑک پر گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ بھی ہے۔ ۔ ۔ کبھی گئی ہو وہاں؟‘‘
’’ہاں کئی بار۔ ۔ ۔ خوبصورت جگہ ہے۔ ‘‘
’’بس وہی دیکھنے آیا تھا۔ ۔ ۔ بلکہ آیا کہاں اس نے مجھے بلایا تھا۔ ‘‘
’’کس نے ؟‘‘
’’اس جگہ نے۔ ‘‘
اس نے مجھے عجیب نظروں سے دیکھا جیسے کہتی ہو کہ ’’نہیں بتانا چاہتے تو نہ بتاؤ مگر آخر اس بیکار بات کو کہنے کی کیا ضرورت تھی؟‘‘اور پھر وہ دوسرے گاہکوں کی طرف متوجہ ہو گئی۔
میں شام سے پہلے اپنے اپارٹمنٹ میں پہنچ گیا۔ آج پھر میں زورو شور سے تلاشی لے رہا تھا۔ پر آج میں کوئی خفیہ دروازہ نہیں کھوج رہا تھا۔ مجھے آج تلاش تھی تو ایک گلابی رائٹنگ پیڈ کی۔ مجھے لگتا تھا جیسے میں خود ہی اپنے آپ کو وہ پیغامات لکھ رہا تھا۔ شاید میں ایسا سوتے میں کرتا ہوں گا۔ جیسے لوگ سوتے ہوئے چلتے ہیں۔ اس کا مقصد کچھ بھی ٹھہرا ہو۔ ۔ ۔ غالباً وہی فرائیڈ کا دبی خواہشات والا قصہ ہو گا۔ اور اگر ایسا تھا تو یقیناً اس اپارٹمنٹ میں ایک گلابی رائٹنگ پیڈ موجود تھا۔ میں نے گھر کی ایک ایک چیز کو اٹھا کر دیکھ لیا۔ میرے تمام کپڑے آج بستر پر بے ترتیبی سے پڑے تھے۔ میں نے قالین اور صوفوں کی گدیاں بھی دیکھ ڈالیں مگر گھر میں ایسا کچھ بھی نہ تھا۔ تھک ہار کر میں اپنی کرسی پر جا بیٹھا اور وہیں صبح تک سوتا رہا۔ اتنی دیر تک کہ ماریانہ کمرے میں آ چکی تھی اور وہ تیزی سے گانے بجاتے الارم اور اتھل پتھل چیزوں کو دیکھ کر پریشان کھڑی تھی۔
’’پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ میں بس کچھ ڈھونڈ رہا تھا۔ ‘‘میں نے اسے تسلی دینے کی کوشش کی۔
’’پر الارم جو اتنی دیر سے بج رہا ہے ؟‘‘
’’بس بہت دیر سے سویا تھا اس لئے آنکھ ہی نہ کھل سکی۔ ‘‘
ایسے میں میری نظر میز پر پڑے گلابی کاغذ پر پڑی۔ میں نے جلدی سے اسے اٹھا لیا اور باتھ روم میں گھس گیا۔
اس دن میں پہلے کی طرح تیار ہو کر دفتر گیا۔ سب نے میری خیریت پوچھی جس کے جواب میں میں نے کھانسنے کی اداکاری کرتے ہوئے کہا کہ اب میں بہت بہتر ہوں۔ وہ گلابی کاغذ ابھی تک میری جیب میں تھا پر اب میرا اسے کھولنے کا کوئی ارادہ نہ تھا۔ میں نے سب سے پہلے ایک سیکورٹی ایجنسی کو فون کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا نظام اتنا موثر ہے کہ اگر ایک کاکروچ بھی فرش پر رینگا تو یہ اسے detectکر لے گا۔ میں نے آج ہی اس کی تنصیب کی ہدایت کر دی۔
گھر پہنچا تو ان کا کام تقریباً ختم ہو چکا تھا۔ ان کے نمائندے نے جو ایک پر جوش سا نوجوان تھا مجھے بڑی تفصیل سے طریقۂ استعمال سمجھایا۔ میں نے اس شام جی بھر کر ٹی وی دیکھا اور مقررہ وقت پر سیکیورٹی سسٹم آن کرنے کے بعد گہری نیند سو گیا۔ اگلی صبح میں نے بستر پر لیٹے ہی دیکھا کہ میز پر ایک اور گلابی کاغذ دھرا ہے۔ سوچا کہ شاید سیکیورٹی سسٹم کام نہیں کر رہا مگر میرے بستر سے اترتے ہی الارم بولنے لگا۔ اسے فوراً آف کیا اور سر پکڑ کر بیٹھ گیا۔
’’گھر میں کوئی نہیں آیا۔ ۔ ۔ حتی کہ میں خود بھی کسی دہری شخصیت کے تحت انہیں لکھ کر نہیں رکھ سکتا ورنہ الارم ضرور بولتا۔ ۔ ۔ تو پھر یہ کیا تھا؟کہیں میرے گھر پر آسیب کا سایہ تو نہیں ہو گیا تھا؟‘‘
میں نے اس گلابی کاغذ کو اٹھا لیا اور جیب میں رکھا کل والا کاغذ بھی نکال لیا۔ دونوں پر ایک ہی تحریر لکھی تھی۔
’’کولمبس سرکل پر سنٹرل پارک کی طرف ایک بنچ دھری ہے اس پر شام پانچ بجے۔ ‘‘
میرا ذہن اب تیزی سے کام کر رہا تھا۔ گذشتہ تجربات کی بنا پر میں کہ سکتا تھا کہ میں نے کبھی ماضی میں اس بنچ پر بیٹھنا چاہا ہو گا مگر مصروفیات نے مہلت نہ دی اور اب یہ پراسرار خطوط مجھے ان گئے لمحوں کا احساس دلا رہے تھے۔
’’میں اب کہیں نہیں جاؤں گا ورنہ کل پھر میز پر ایک گلابی لفافہ رکھا ہو گا اور کیا خبر اس میں کسی ایسی جگہ جانے کا ذکر ہو جہاں میں نہیں جا سکتا۔ جگہیں ایسی بھی تو ہوتی ہیں جہاں رکنے والے زندگی کی دوڑ سے ہمیشہ باہر ہو جاتے ہیں۔ پر اگر میں وہاں نہ جاتا تو ہر روز میری میز پر ایک لفافے کا اضافہ ہو جاتا۔ اور پھر میں اس کمرے میں شاید کبھی سو نہ پاتا۔ ایک راستہ یہ بھی ممکن تھا کہ میں یہ اپارٹمنٹ ہی چھوڑ دیتا۔ پر میں کہاں جاتا؟یہ منظر جو مجھے کھڑکی سے نظر آتا ہے ، دفتر سے گھر کا راستہ، میرا گیٹ کیپر، نیچے پھلوں کی دکان والی یونانی عورت۔ ۔ ۔ یہ سب میرے اپنے تھے ، میری زندگی کا حصہ تھے اور کوئی بھلا اپنوں سے کیسے بھاگ سکتا ہے ؟
تو مجھے بھاگنا نہیں تھا۔ مجھے مقابلہ کرنا تھا۔ سمجھنا تھا کہ یہ سب کیوں ہو رہا ہے ؟وہ تمام دن میں نے خوب دل لگا کر کام کیا اور شام پانچ بجے میں سنٹرل پارک کے باہر اس بنچ پر پہنچ گیا۔ یہاں بڑی گہما گہمی تھی۔ نوجوان لڑکے لڑکیاں رولر اسکیٹس پہنے ، قہقہے لگاتے پارک میں جا رہے تھے۔ ایک نوجوان پادری بائیبل ہاتھ میں اٹھائے لوگوں کو قریب آنے والی قیامت سے خوفزدہ کر رہا تھا اور ایسے ہی چلنے والوں کا ایک ہجوم تھا جو میرے سامنے سے گذرتا چلا جا رہا تھا۔ یہ لوگ مجھ سے تھوڑی دور ایک موڑ سے نمودار ہوتے اور پھر آہستہ آہستہ میرے سامنے سے گذرتے ہوئے یا تو پارک میں چلے جاتے یا پھر سامنے جاتی سڑکوں میں سے کسی ایک پر چلے جاتے۔ ان چار پانچ منٹوں میں جب یہ اجنبی لوگ ہماری زندگیوں میں آتے ہیں تو ہم ان کے بارے میں بڑی دلچسپ باتیں جان سکتے ہیں۔ ۔ ۔ جیسے وہ چینی لڑکی جس کی سفید گردن پر سرخ نشان کل رات کی کہانی سناتے تھے ، وہ سیاہ فام بوڑھا جو ہر چیز سے ناراض بڑبڑاتا ہوا چلا جا رہا تھا۔ وہ یقیناً اپنے گھر سے لڑ کر آ رہا تھا۔ اور میرے سامنے سے گذرتے ہوئے تو جو اس کی نظر Trump towerنامی بلند عمارت پر پڑی تو اس کا غصہ اور بڑھ گیا۔ جیسے کہتا ہو کہ تم اتنی بلند کیوں ہو؟وہ یقیناً ایسا آدمی تھا جو سنٹرل پارک کی وسعت، پراجیکٹس کے تنگ اپارٹمنٹس، بیوی کے بڑھتے ہوئے وزن۔ ۔ ۔ ہر چیز پر ناراض ہو سکتا تھا۔ وہ ایک عمارت کے پیچھے غائب ہوا تو فوراً وہاں سے ایک عورت بڑی تیزی سے نکلی۔ یہ کوئی بے پروا اور مصروف سی عورت نظر آ رہی تھی جسے کسی قریبی عمارت میں اپنی میٹنگ پر پہنچنا تھا۔ اس عورت کا کوئی تعلق اس بوڑھے سے نہ بنتا تھا مگر نجانے کیوں مجھے لگا جیسے اس عمارت کی اوٹ میں جاتے ہی اس بوڑھے نے اپنے اوپر سے وہ بڑھاپا اتار پھینکا ہو اور اس عورت میں ڈھل گیا ہو۔ ۔ ۔ تو پھر میں زیادہ دلچسپی سے ان جون بدلتے لوگوں کو دیکھنے لگا۔
میں وہاں سات بجے تک بیٹھا رہا۔ میں اس وقت اتنا خوش اور مطمئن تھا کہ میں نے سب وے کی بجائے پیدل ہی گھر جانے کا فیصلہ کر لیا۔ اب میں بڑی ترنگ میں سیٹی بجاتا اس شہر میں سے گذر رہا تھا۔ وہ دکانیں، وہ سیاح، وہ زندگی سب بہت اجنبی لگ رہے تھے۔ ایسے میں میری نظر ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر پڑی۔ بہت دن ہوئے میں اس عمارت کی چھت پر جانا چاہتا تھا اور اس رفعت سے شہر کی روشنیوں کو دیکھنا چاہتا تھا۔ میرے دل میں یہ خواہش شاید اس دن سے دبی بیٹھی تھی جب سے میں نے Sleepless in Seattleنامی فلم دیکھی تھی جس میں ہیرو اور ہیروئن پہلی مرتبہ یہاں اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لئے ملتے ہیں۔ تو یہ خواہش تو بڑی پرانی تھی مگر ہر بار کوئی نہ کوئی مصروفیت آڑے آ جاتی۔ آج البتہ میں خود کو بہت آزاد محسوس کر رہا تھا اس لئے اوپر چلا گیا۔ یہاں سے شہر کا منظر بڑا خوبصورت نظر آ رہا تھا۔ یہاں تیز ہوا بھی چل رہی تھی۔ میں بہت دیر وہاں کھڑا رہا۔ ۔ ۔ شاید دس بجے تک اور پھر میں ایک سرشار دل کے ساتھ اپنے گھر واپس آ گیا۔
اس رات میں بڑی پرسکون نیند سویا۔ اپنے گھر کے آسیب اور گلابی کاغذ تک کو فراموش کر دیا۔ صبح کو ہمیشہ کی طرح مسکراتے ہوئے اٹھا باہر کھڑکی سے شہر کو دیکھا۔ وہ آج بہت مختلف نظر آ رہا تھا۔ وہ آج کسی خوبصورت پینٹنگ کی طرح صرف خوابناک ہی نہیں تھا بلکہ کسی گہرے دوست کی طرح بہت زندہ بھی لگ رہا تھا۔ ۔ ۔ شہر جس میں ہزاروں ایسی جگہیں تھیں جنہیں صرف کھڑکی سے دیکھ لینا کافی نہیں ہوتا۔ جگہیں جو ہمیں یاد رکھتی ہیں، ہماری جدائی میں اداس رہتی ہیں اور ایسے میں اگر وہ ہمیں پیغام بھیج کر بلوا لیں تو تعجب نہیں کرنا چاہیے۔ ایسے میں میری نظر میز پر پڑی تو حسبِ توقع وہاں کوئی گلابی کاغذ نہیں تھا۔ پیغام پہنچ گیا تھا اب مزید کاغذ ضائع کرنے کا فائدہ؟شہر کو دیکھا تو پورا شہر ہی مجھے ایک خوبصورت گلابی کاغذ پر لکھا دعوت نامہ نظر آنے لگا۔ میں آج اس شہر کو ایک نئے رنگ میں دیکھتا تھا۔ میں پھر سے زندگی سے جڑ چکا تھا۔

٭ ٭ ٭

تمثیل سے جڑا آدمی

مجھے بہت آہستگی سے اپنی بات کہنا ہو گی اور تمہیں بھی چاہیے کہ اپنے چہرے پر کوئی تاثر نہ آنے دو۔ کچھ یوں لگے جیسے ہم کوئی بیکار بات کر رہے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ جیسے اساطیری ادب میں یونانی دیو مالا کا حصہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جیسے اردو نظم کے ارتقا میں غزل کی لایعنیت کا کردار۔
یوں سمجھو جیسے ہم پاک ٹی ہاؤس میں بیٹھے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ دھوئیں کے مرغولوں اور چائے کی تمازت پہنچاتی خوشبوؤں کے بیچ ہم دو نقاد۔ ۔ ۔ ۔ تم یقیناً سوچتے ہو گے بھلا خوشبو کہاں تمازت پہنچا سکتی ہے۔ ۔ ۔ ۔ پر ایسا ہوتا ہے۔ جب جیب چائے خریدنے کی اجازت نہ دے اور انا اس تلخ حقیقت کو ماننے پر تیار نہ ہو۔ ایسے میں خوشبو سورج بن جاتی ہے اور ہر ذی روح کوئی سایہ، کوئی اوٹ، کوئی فرار ڈھونڈنے لگتا ہے۔ لوگ بڑی بڑی باتیں کرنے لگتے ہیں۔ ایسی بلندیوں کی طرف پرواز کرتے ہیں جہاں سے چائے کا کپ بڑی معمولی چیز دکھائی دینے لگے ، ان رفعتوں کی طرف جہاں بدیسی سیگرٹوں کی سحر انگیز خوشبوئیں نہ پہنچ سکیں۔
تو سمجھو جیسے ہم پاک ٹی ہاؤس میں بیٹھے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مگر میری بات ایسے نہ سننا جیسے ہم کہیں پاک ٹی ہاؤس میں بیٹھے ہوں۔ یہ بہت اہم بات ہے۔ وہ اب بھی یہیں موجود ہیں۔ وہ جو مجھے تنہا نہیں چھوڑتے۔ وہ تو سڑک پر بھی میرے ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ بس میں جڑے اجنبیوں کی طرح بہت قریب۔ اتنا کہ میں ان کی سرگوشیاں بھی سن سکتی ہوں۔ اتنا کہ میں ان کے ماتھے پہ پڑی لکیریں گن سکتی ہوں۔ پر وہ سرگوشیاں کہاں کرتے ہیں؟ انہیں تو کسی چیز کا خوف نہیں ہے۔ وہ تو کتابیں بھی با آواز بلند پڑھتے ہیں۔ میرے پیچھے کھڑے ہو کر، شانوں پر ذرا جھک کر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کند طالب علموں کی طرح لہک لہک کر پڑھتے ہیں۔ اس بات سے بے نیاز کہ پھر میں نہیں پڑھ سکتی اور کتاب بند بھی نہیں کر سکتی کہ وہ جو پڑھ رہے ہوتے ہیں۔
تم تو سمجھتے ہو اس کیفیت کو جب ہم بڑے مبہم اور بیکار طریقے سے کسی اہم کام کا حصہ بن جائیں۔ ۔ ۔ ۔ جیسے پورے خاندان کے ساتھ کسی کی عیادت کو جانا۔ اب اتنے تیمار داروں کو دیکھ کر میزبانوں کے ہاتھ پاؤں تو پھولیں گے ہی پر کمرے میں بڑھتی گھٹن سے بیمار کی طبیعت بھی متلانے لگتی ہے اور پھر اتنے شور میں ایک باریک سی آواز بھلا کیا مزاج پرسی کر پائے گی مگر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آپ جائے بغیر رہ بھی نہیں سکتے۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی میزبان آپ کی غیر موجودگی بھانپ جائیں گے۔ پھر مہینوں آپ کو اسی ندامت میں چہرہ چھپانا ہو گا اور وہ ہزاروں وضاحتیں ایک طرف جو آپ کا دل پیش کرتا رہے گا۔ کتنی عجیب بات ہے نہ کہ کوئی آپ کی موجودگی محسوس نہیں کرتا پر غیر موجودگی پر سب ٹھٹھک جاتے ہیں۔ جیسے ایک بیکار سا کیل نکل آنے پر کوئی فانوس دھم سے آ گرے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیل جو ہمیشہ سے یہیں تھا(فانوس سے بھی پہلے سے ) ، کیل جو سارا وزن سہارے کھڑا تھا اور کیل جسے کبھی کوئی دیکھ نہ پایا۔
تو آپ اس بیکار اور غیر مفید کام کا حصہ بننے پر مجبور ہوتے ہو۔ ایسے ہی میں کتاب کو بند نہیں کر پاتی اور خود کو کوستی رہتی ہوں۔ اور انہیں تو کچھ کہ بھی نہیں سکتی کہ وہ مجھ سے مخاطب ہی کہاں ہوتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ تو بس میرے شانوں پر جھکے گویا کتاب کے سحر میں کھوئے ہوئے ہوتے ہیں۔ بس میں جڑے اجنبیوں کی طرح اور کوئی اجنبیوں کو فرمانِ زباں بندی نہیں سناتا۔
کتاب بند ہونے کی صورت میں وہ بلند آواز میں باتیں کرتے ہیں۔ گو انہوں نے کبھی مجھے مخاطب نہیں کیا، کبھی میرا نام نہیں لیا مگر جیسے میری ہی باتیں کرتے ہیں۔
’’یوں بال کھلے چھوڑ دینے سے یہ کیا ثابت کرنا چاہتی ہے ؟‘‘
’’اب نارنجی بھی کوئی رنگ ہوا کہ اسے پہنا جائی۔ ‘‘
’’لڑکیوں کو اتنا لمبا نہیں ہونا چاہیے کہ ان کے ساتھ چلتا مرد خود کو چھوٹا محسوس کرے۔ ‘‘
کبھی کبھی میں جھلا کر انہیں صلواتیں سناتی ہوں۔ جی بھر کر کوستی ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پر وہ جیسے میری بات سنتے ہی نہیں۔ وہ تو جیسے کسی اور دنیا میں رہتے ہیں۔ مجھ سے بے نیاز، اپنی دھن میں بولتے رہتے ہیں۔ ایسا نہیں لگتا کہ وہ مجھے جان بوجھ کر نظرانداز کر رہے ہوں۔ بس جیسے وہ مجھے سن ہی نہیں پاتے ، جیسے وہ مجھے دیکھ ہی نہیں پاتے۔ شاید میں کچھ غلط کہ گئی ہوں۔ وہ میرا ہر لفظ سنتے ہیں، میری ہر جنبش پہ نظر رکھتے ہیں۔ پر میرے الفاظ ’’میں ‘‘ تو نہیں ہوں، میرا جسم ’’میں ‘‘تو نہیں ہوں۔ وہ بس مجھے نہیں دیکھتے ، مجھے نہیں سنتے اور تو انہیں سب معلوم ہے۔ شاید وہ سمجھنا ہی نہیں چاہتے۔ وہ تو جیسے چند بحث میں الجھے ہوئے فلسفی ہیں جنہیں جب کوئی دھانسو قسم کی دلیل نہیں ملتی تو یونہی نظریں ادھر ادھر گھما کر کسی معمولی چیز کی مثال دینے لگتے ہیں۔ اب ساری کائنات اور اس کا حقیقی پن ان شاطروں کی تمثیلوں میں کھونے لگتا ہے۔ آسماں پر تیرتے پنچھی، سڑک سے گزرتا پھیری والا، ٹوٹے کناروں والی پلیٹ، چائے لاتا ہوا ویٹر سب اس علامت بازی کی لپیٹ میں آ جاتے ہیں۔
یہ چیزیں جو بڑی معمولی سی تھیں اور ہمیشہ سے ان کے گرد دبکی تھیں اب گھنٹوں پہ محیط بحث کا موضوع بن جاتی ہیں۔ ایسے میں اگر انکی بحث کے چند الفاظ اس ویٹر کے کانوں میں پڑ جائیں تو وہ یقیناً باقی ماندہ دن اکڑ اکڑ کر چلے گا۔ جیسے وہ اب کوئی عام ویٹر نہیں ہے جسے محض چائے کی پیالیاں اٹھائے ہوئے چلنا ہو، بلکہ وہ کوئی اہم کردار ہے جس کے گرد وہ سارا ریستوران گھومتا ہے۔ اور کسے خبر کہ یہ ریستوران ہی وہ نکتہ ہو جس پر پوری کائنات گھومتی ہو۔ وہ سوچ سکتا ہے۔ شام سے پہلے اسے سب کچھ سوچنے ، جی بھر کے مسکرا لینے کا حق ہے۔
اور جب وہ شام کو بحث سے تھک کر جاتے فلسفیوں کو ایک اپنائیت بھری مسکراہٹ سے الوداع کہتا ہے تو حیرت میں ڈوب جاتا ہے۔ ان بے خواب، ذہین آنکھوں میں اسے سرد مہری اور بیگانگت کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ وہی سرد مہری، وہی بیگانگی، وہی کچھاؤجو سڑک پر چلتے کسی اجنبی میں ملتا ہے۔ بلکہ اس سے بھی کچھ زیادہ جیسے وہ اجنبی کسی دور نگر سے آیا ہو۔ ایسے دیس سے جس سے ہماری سوچ، ہمارے خوابوں کا کوئی رشتہ نہ جڑا ہو۔ ایسا اجنبی جو سڑک کنارے ٹھہرے پتھروں کی طرح بے حقیقت ہو۔
سو وہ اسے نہیں جانتے۔ ہاں مگر تمام دن اس کے بارے میں باتیں کر سکتے ہیں۔ وہ اس کی تمثیل سے تخیل کے محلات بنا سکتے ہیں مگر نہیں۔ ۔ ۔ ۔ وہ اس کے شناسا نہیں بن سکتے۔
کتنے بدنصیب ہیں وہ لوگ جو زندگی سے نہیں محض تمثیل سے جڑے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور وہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ جو زندگی سے جڑا ہے وہ بھی تو پشیمان کھڑا ہے۔ کتنا اداس ہے وہ ویٹر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ جو میری طرح ہے۔ اپنی ڈھیلی ہوتی ہوئی چارپائی پر اب اسے رات بھر تڑپنا ہو گا۔ سوچنا ہو گا۔
’’کیسے ممکن ہے ؟میں تمام دن انکے سامنے کھڑا تھا اور انہوں نے مجھے دیکھا ہی نہیں۔
کیا میں اتنا بے حقیقت ہوں؟ اور مجھے کیوں گندی نالیوں میں پھڑپھڑاتی مرغیوں سے لے کر اس لڑکی کی آنکھوں کے آنسو تلک محسوس ہوتے ہیں۔ میں انہیں ایسے تو محسوس نہیں کر تا جیسے صحرا میں آپ کے گرد ارب ہا ذرات پڑے ہوں۔ بے حقیقت، بے شناخت، بے مصرف۔
نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں تو انہیں ایسے محسوس کرتا ہوں جیسے محبوبہ کی آنکھوں کے سامنے پڑنے والا تھپڑ محسوس ہوتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں تو نالی کے گندے پانی میں اپنے پروں کو بھگتا محسوس کرتا ہوں (اور عجیب بات ہے کہ میرے پر نہیں ہیں)۔
ایسا کیوں ہے ؟ اتنے خلوص، اتنی شدت سے محسوس کرنے کے باوجود میں کیوں بے حقیقت ہوں؟‘‘
ایسے سوالوں کے جواب نہیں ہوا کرتے۔ میں تو بس اتنا جانتی ہوں کہ وہ مجھے سنتے نہیں، دیکھتے نہیں اور بس اپنی باتوں میں لگے رہتے ہیں۔ میں انکے لئے جیسے بس کوئی کھیل ہوں۔ جیسے آپ شطرنج کھیلتے ہو۔ ایسے میں آپ اپنی تمام زندگی اس کھیل کو سیکھنے میں بتا سکتے ہو۔ تمام وقت آپ کا ذہن نئی نئی چالیں سوچتا ہے۔ ہمہ وقت آپ کی نگاہیں لہروں کا طواف کرتی ہیں۔ ان کی ہر جنبش پر آپ کی سانسیں بے ترتیب ہو جاتی ہیں۔ پر آغازِ جنگ میں بے مصرف پٹ جانے کا کرب کیا ہوتا ہے یہ آپ نہیں جان سکتے۔ میں انکے لئے ایک مہرہ ہی تو ہوں۔ کسی بہت بڑے کھیل کا چھوٹا سا ایک حصہ۔ گو وہ مجھے ، مجھ سے بھی بہتر طریق پر جانتے ہیں پر وہ مجھے نہیں جانتے۔
اور وہ ہمیشہ میرے پاس ہوتے ہیں۔ اور وہ مجھے ناممکن کام کرنے کو کہتے ہیں۔ جانتے ہوئے بھی کہ میں بس ایک عام سی لڑکی ہوں۔ ایک عام سی لڑکی جو نئے ملبوسات ملنے پر کھلکھلا اٹھتی ہو، جو اپنے محبوب کے کاندھے پر سر رکھے ایک چھوٹے سے گھر کے خواب دیکھ سکے ، جو آئیس کریم کے لئے میلوں پیدل چل سکتی ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم تو جانتے ہو نہ کہ ایک عام سی لڑکی کیسی ہوتی ہے (میں تو گویا بھولتی جا رہی ہوں)۔
وہ میرے سامنے عجیب سے سوال رکھتے ہیں۔ سوال جن کے جواب نہیں ہوتے۔ کیا بنا جواب کے ان چیستانوں کو ہم سوال کہ بھی سکتے ہیں؟ یا پھر سوال جن کے ہزاروں جواب ہوتے ہیں۔ وہ مجھے الجھاتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ میں ان الجھاؤں سے نکل سکتی ہوں یا نہیں۔ بھاری بھاری تیشوں سے مجھے توڑتے ہیں اور میرے ٹوٹنے پر پریشاں بھی ہو جاتے ہیں۔ میں انکے لئے جیسے کوئی گنی پگ ہوں۔ کسی حساس تجربے کا ایک غیر اہم حصہ۔ وہ بڑی توجہ سے میرا تجزیہ کرتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اتنی قربت کہ محبت کا گماں ہوتا ہے۔ اور پھر بڑی بے رحمی سے کسی نئے امتحان میں ڈال دیتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ اذیت جس کا حامل ہر درد کہاں ہوتا ہے۔ اور پھر جیسے کوئی چوہا زہریلی دوا کھانے پر تھوڑا لوٹ پوٹ ہو کر اٹھ بیٹھتا ہے اور سائینسدانوں کے چہرے مسکراہٹ میں ڈوب جاتے ہیں۔ ان کی آنکھوں میں تحسین ہوتی ہے اس بہادر چوہے کے لئے جس نے موت کو شکست دے دی اور پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ زہر کی مقدار بڑھا دیتے ہیں۔ میں بھی ایک امتحان سے گزرنے کے بعد دوسرے امتحان میں ڈال دی جاتی ہوں۔
اور وہ دن جب میں نے فرار کا راستہ ڈھونڈ لیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حیران مت ہو کہیں وہ متوجہ نہ ہو جائیں۔ یقین کرو کہ فرار کا راستہ ہمیشہ کھلا ہوتا ہے بس ہم ہی میں وہاں سے گذرنے کی تاب نہیں ہوتی۔ میں اس دن کی بات کر رہی ہوں جب مجھے محبت ہو گئی۔
تم ضرور دل میں ہنس رہے ہو گے۔ محبت تو کوئی فرار نہ ہوا۔ یہ تو ارب ہا لوگ ساری زندگی کرتے ہیں۔ لاکھوں لوگوں کی والہانہ محبت غازی علم دین کو پھانسی کے تختے سے نہ اتار سکی۔ پاکستانی مٹی سے لامتناہی محبت اور کروڑوں لوگ دوسرے دیسوں کو چلے گئے۔ تم سوچتے ہو گے کہ میں بھی کیسی پاگل ہوں۔ محبت کے لئے تو آج کل کوئی اچھی نوکری نہیں چھوڑتا، محبت کے لئے تو کوئی ایک رات نہیں جاگتا اور میں محبت میں فرار ڈھونڈنے چلی تھی۔
میرے پاس اس سوال کا جواب نہیں ہے۔ کیونکہ میں انکی محبت کو نہیں جانتی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں تو بس اپنی محبت کو جانتی ہوں اور میری محبت۔ ۔ ۔ ۔ ۔
میری محبت تو جبرئیل کے پروں کی طرح تھی۔ مشرق سے مغرب تک افق کو گھیرے ہوئے پر جن کی ایک پھڑپھڑاہٹ سے کائناتیں سمٹ جاتی تھیں۔
میری محبت تو بارش کی مانند تھی ویرانۂ دل کی سب گھاٹیاں جس سے بھری جاتی تھیں۔
میں پاتال سے پانیوں میں تیر کر بھی سمندر کے بوجھ سے آزاد تھی۔ کوئی ملہار گاتا ہوا تان سین تھا اور میں اس کا ستار تھی۔
یہ پہلا دن تھا جب میں نے ان کے چہروں پہ پریشانی بکھرتی دیکھی۔ وہ کھلبلی، وہ بھگدڑ جو مریض کی نبضیں ڈولنے پر ڈاکٹروں میں مچ جاتی ہے۔
وہ اِدھر اُدھر ٹہل رہے تھے (جیسے شکستِ ملال ممکن ہو) ، بڑی بڑی کتابوں کو چھانٹ رہے تھے (جیسے محبت کا ابطال ممکن ہو) ، لافانی دلائل دے رہے تھے (گویا مٹنے والوں سے قال ممکن ہو)۔
پہلی بار میری آنکھوں میں جھانک رہے تھے۔ مجھ سے بات کر رہے تھے۔ اور پہلی بار مجھے لگا کہ وہ تو مجھے بڑی اچھی طرح جانتے ہیں۔ وہ بیگانگی شاید کسی مصلحت کے باعث تھی۔ مجھے لگا جیسے وہ میرے دوست ہوں۔ پہلی بار میں نے انہیں توجہ سے سننے کی کوشش کی۔ مگر وہ بہت گھبرائے ہوئے تھے۔ مجھے روکنا چاہ رہے تھے۔ سمجھا رہے تھے کہ ایسی محبت ہم ارضی لوگوں کے لئے بنی ہی نہیں۔ بتا رہے تھے کہ ایسی بلندیوں سے گرنے پر کوئی سلامت نہیں رہتا۔ وہ جو ہر گھڑی میرے کرب کو بڑی پیشہ ورانہ عدم حساسیت سے نظر انداز کرتے آئے تھے آج تڑپ رہے تھے۔ مگر میں بہت خوش تھی۔ اتنی کہ اس حالت کے لئے میں جھوٹ موٹ محبت کرنے پر بھی تیار تھی۔ اور پھر ان کی آوازیں مدھم ہونے لگیں، چہرے دھندلانے لگے۔ اب میں جھینگر کی سی مدھم صداؤں کے سوا کچھ نہ سن سکتی تھی۔ میں آزاد ہو گئی تھی۔ میری محبت نے مجھے آزاد کر دیا تھا۔
اور وہ شخص میں جس کے ساتھ ایک نئی دنیا کھوجنے کو تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ جو مجھے پتنگ کی طرح آسمان میں اونچا لے گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نہیں جانتی کہ ڈور کیسی کٹی؟اور خیر یہ اتنا اہم بھی کہاں ہے ؟
ہے نہ؟ بھلا اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ وہ کوئی حادثہ تھا یا اس کی سفاکی۔ جب آپ جسم میں گھستی تیز ہوا کو محسوس کرتے ہوئے سنگلاخ زمین سے آ ٹکراتے ہو تو کون پوچھتا ہے کہ تم کہاں سے آئے ؟ جامن توڑتے ہوئے درخت سے آ گرے ہو یا پھر کسی جنت سے نکالے گئے ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کوئی نہیں پوچھتا نہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کیا تھا؟حقیقت بس اتنی ہے کہ میں پور پور لہو میں بھیگی اس دھرتی پہ پڑی تھی اور روح میرے جسم کی ہر درز سے نکلتی جاتی تھی۔ آپ کی انگلیاں آخر کتنے شگافوں کا رستہ روک سکتی ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مگر وہ ہاتھ جنہوں نے مجھے تھام لیا۔
وہ اب مجھے تنہا نہیں چھوڑتے۔ سڑک پر بھی میرے ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ مجھے لافانی کہانیاں پڑھ کر سناتے ہیں۔ میرے پہنے ہوئے کپڑوں کا مذاق اڑاتے ہیں۔ مجھے ناممکن کام کرنے کو کہتے ہیں۔ وہی تو ہیں جو مجھے اب تلک زندہ رکھے ہیں۔ سو اگر زندگی دوستوں کے بیچ گھرے رہ کر کہانیاں سننے اور ناممکن کو چھونے کی سعی کرنے کا نام ہے تو میں بھرپور طریقے سے زندہ ہوں۔ پر اگر زندگی محبت کرنا ہوا تو پھر؟ان کا کہنا ہے کہ میں محبت نہیں کر سکتی۔
میرے پاس اس سوال کا جواب نہیں ہے۔ شاید تمہارے پاس بھی نہیں ہو گا۔ میں تو بس انہیں کسی نئے کرب میں مبتلا نہیں کرنا چاہتی۔ بس اسی لئے میں صرف تم سے کہہ رہی ہوں۔ مجھے معلوم ہے کہ تم کسی سے کچھ نہیں کہوں گے۔ لو! وہ آ رہے ہیں۔ شاید ان کے نزدیک ایک نوجوان ویٹر کا یوں میرے نزدیک کھڑا ہونا خطرناک بات ہے۔ سو چلتی ہوں۔ الوداع! اے دوست الوداع۔
یہ الفاظ کہتے ہی اس لڑکی کی آنکھوں میں ایک سرد مہر اجنبیت اتر آئی۔ وہ آہستگی سے اپنی کرسی سے اٹھی اور تھوڑا لڑکھڑاتی ہوئی کیفے سے باہر نکل گئی۔ میں نے کھڑکی سے اسے دیکھا تو وہ آہستہ آہستہ سر ہلاتے اپنی کار کی طرف جا رہی تھی۔ جیسے کوئی اس کے ساتھ ساتھ چلتا ہوا اسے نصیحت کر رہا ہو۔ خیر مجھے کیا؟ مجھے تو اپنی بارہ گھنٹے کی شفٹ ختم کر کر ڈھیلی ہوتی ہوئی چارپائی پر جا گرنا ہے مہرباں نیند کی آغوش میں۔

٭ ٭ ٭

گلابوں والی سڑک

ایک ہاتھ سے ہینڈل کو تھامتے ہوئے بڑی بے نیازی سے جو میں نے بال سنوارنے کی کوشش کی تو ہاتھ پھسل گیا۔ موٹر سائیکل لڑکھڑائی مگر ایک دو سائیکل سواروں کو گرانے کے بعد میں نے ’’فوراً سنبھال لی۔ ایک تو دادی اماں نے تیل ہی اتنا لگا دیا تھا کہ اگر سر کے عین بیچ میں کوئی گڑھا ہوتا تو یقیناً تیل کا کنواں ہوتا اور میں لکھ پتی کہلاتا مگر ہائے افسوس کہ انڈے کی مانند سر پہ اس کا فائدہ سوائے اس کے کچھ نہ تھا کہ سورج کی شعاعوں کو منعکس کرنے کی وجہ سے میں ذرا پر نور دکھائی دیتا اور پھر وقتاً فوقتاً فالتو تیل میری گردن اور چہرے کو بھی سپلائی ہوتا رہتا۔
دوسرا میری پیشانی کچھ کشادہ تھی جس کی بنا پر لوگ کبھی کبھار اور حاسدین اکثر اوقات مجھے گنجا کہنے سے بھی گریز نہیں کرتے تھے۔ حالانکہ طرفین کی نسبت سر کے وسط میں بالوں کی کمی کا یہ مطلب کہاں سے نکلتا ہے کہ آدمی گنجا ہے ؟ مگر ان باتوں کا تو میں عادی ہو گیا تھا اس لئے سوچوں کے جوہڑ سے نکلتے ہوئے سر کو ہلکا سا جھٹکا دیا اور سامنے دیکھنے لگا۔ ۔ ۔ سڑک پر جا بجا سرسوں کا تیل بکھر گیا۔
اچانک سامنے والی اکارڈ سے ایک مرمریں ہاتھ باہر نکلا۔ میں نے پر اشتیاق نظروں سے اس کی طرف دیکھا۔ پھر ایک لمحے میں۔ ۔ ۔ جی ہاں، محض ایک لمحے میں ساری کائنات گلابوں سے بھر گئی۔ بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ کائنات نگاہوں سے اوجھل ہو گئی کیونکہ ہر طرف گلابی سی چادر تن گئی تھی جس میں جا بجا سرخ بادل تیر رہے تھے۔ ۔ ۔ ایسے میں مڈگارڈ کے ٹائیر سے ٹکرانے کی مدھر آواز اس سحر کو مکمل کر رہی تھی۔ قریب تھا کہ میں اس حسین نگری میں کھو جاتا مگر
’’یہ کیا؟‘‘
اچانک میری ساتوں حسیں بیدار ہو گئیں (یہ ساتویں حس میری دادی اماں کی آواز تھی جو ہاتفِ غیبی کی طرح ہمیشہ میرے ساتھ رہتی۔ میں کمرہ امتحان میں اگر سو جاتا تو یہ عین اس وقت جب ممتحن میرے قریب آ رہا ہوتا مجھے خبردار کر دیتی۔ ایسے ہی جس دن ابا دکان سے جلے بھنے گھر آتے تو ایک تنبیہی آواز میرے کانوں تک پہنچتی اور اس رات یا تو میں جوتے اتار کر پائپ کے راستے اپنے کمرے تک جاتا یا پھر کسی دوست کی طرف ہی فروکش ہو جاتا۔ ۔ ۔ تو دادی اماں کی یہ محبت ہمیشہ سے میری ساتویں حس رہی تھی) اور آج بھی غالباً انہوں نے ہی مجھے جھنجھوڑ ڈالا اور میں نے اپنی عینک پر سے وہ گلابی چادر نوچ پھینکی۔ ذہن سلگ اٹھا یہ دیکھ کر کہ وہ محض ایک ٹشو پیپر تھا جسے کار والی محترمہ نے لپ اسٹک صاف کرنے کے بعد میری طرف پھینک دیا تھا۔ وہ تو خدا کا شکر ہوا کہ میں آنکھیں بند کر کے موٹر سائیکل چلانے کا عادی ہوں (جی ہاں ہر خطرناک موڑ پر میں ایسا ہی کیا کرتا ہوں) ، ورنہ نجانے کیا ہو جاتا۔ چار بھائیوں اور تین بہنوں کا اکلوتا بھائی اور خاندان بھر کا کھلونا دنیا سے رخصت ہو جاتا۔
’’انتقام‘‘ میرا دل پکارا’’ اے حسینہ میں انتقام لوں گا اس سلوک کا جو میرے ساتھ کیا گیا ہے۔ ‘‘
یہ کہتے ہوئے میں نے موٹر سائیکل کی رفتار بڑھا دی۔ اب وہ اپنی پوری رفتار سے لڑھک رہی تھی۔ سپیڈو میٹر کی سوئی چالیس کے ہندسے کو چھو رہی تھی۔ کار والے کا شاید کہیں جانے کا ارادہ نہ تھا تبھی تو اس رفتار سے چلتے ہوئے بھی میں نے اسے جا لیا۔ اس کے آگے جا کر میں نے موٹر سائیکل سڑک پر ترچھی کھڑی کر دی۔ کار رکی اور ایک موٹا تازہ آدمی گولی کی طرح باہر نکلا اور تیز تیز قدم اٹھاتا میرے قریب آ گیا۔
’’یہ کیا ہے ؟‘‘
اسکا لہجہ بیک وقت درشت بھی تھا اور مضحکہ خیز بھی۔ اور یہ جملہ بھی اس نے کچھ یوں بولا کہ چہرہ میری طرف اور آنکھیں موٹر سائیکل کی طرف تھیں۔ خیر سوال کے دوسرے پہلو کی طرف توجہ دینے کا ابھی وقت نہیں تھا اور اگر میں ایسا کر بھی لیتا تو سوائے شرمندگی کے کیا پاتا؟ مثلاً میں اس سے کیا کہتا کہ یہ موٹر سائیکل ہے جو تیل سے چلتی ہے اور بار برداری کے کام لائی جاتی ہے۔ اس لئے میں نے اپنی پوری توجہ اس پر مرکوز کی اور قدم آگے بڑھائے۔ غالباً میری کوشش یہی تھی کہ گاڑی میں جھانک سکوں یا پھر میں جنگ کے لئے اپنی مرضی کا میدان منتخب کرنے کی کوشش میں تھا۔ پہلی کوشش بہرحال کامیاب رہی۔ ۔ ۔ وہ واقعی بہت خوبصورت تھی۔ مگر دوسری رائگاں رہی کہ اپنی گلی میں تو۔ ۔ ۔ ۔ خیر آگے کیا کہوں۔ بہر حال توجہ طلب بات یہی ہے کہ میں اپنی موٹر سائیکل سے بیس قدم اور اس کی کار سے چار پانچ قدم کے فاصلے پر تھا اور حقِ مہمان نوازی یہی تھا کہ وہ مجھے بٹھانے کی بات کرتا مگر وہ تو جیسے مجھے کوئی پاگل سمجھا بیٹھا تھا۔ اس لئے میں نے اپنی آواز کو سرد اور لہجے کو مضبوط بناتے ہوئے کہا۔
’’ہوں۔ ۔ ۔ تو یہ تمہاری گاڑی ہے۔ ‘‘
’’کوئی غلطی ہو گئی ہے کیا؟‘‘اب کے وہ نسبتاً نرم لہجے میں بولا۔
’’ایسی ویسی غلطی۔ کھڑے کھڑے جیل ہو جائے گی۔ ۔ ۔ سنا تم نے۔ ‘‘میں نے مصنوعی غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔ آنکھیں اب بھی گاڑی کا طواف کر رہی تھیں۔
’’آپ کا تعلق شاید خفیہ پولیس سے ہے ؟‘‘اس نے کچھ سوچ کر کہا۔
’’کیا؟‘‘میں گڑبڑا گیا۔
وہ نجانے کیا سمجھنے لگا تھا۔ میں ایک لمحے کے لئے رکا اور اسے مسلسل اپنی طرف گھورتا دیکھ کر سارا واقعہ بیان کر دیا اور ساتھ میں اسے سو فیصد قتلِ عمد کی کوشش قرار دیا۔ ایک دفعہ تو مجھے یوں لگا جیسے وہ مجھے کچا چبا جائے گا۔ میری ٹانگیں لرزنے لگیں۔ اب تو نظریں بھی گاڑی کی بجائے اپنے قدموں کی طرف تھیں۔ میں اپنی بات ختم کرنے کے بعد غالباً کسی سنجیدہ مسئلے پر غور و فکر میں مصروف تھا جیسے ’’فلسفہ مابعد اطبیعات کے ارتقا میں بیروزگاری کا کردار‘‘ وغیرہ۔ مگر کوئی اور دیکھتا تو یقیناً یہی سمجھتا کہ میں شرمندہ ہوں۔ پیشانی پر پسینے کے قطرے تیل کے قطروں سے مل کر عجب سماں دکھا رہے تھے۔
اچانک وہ مڑا اور گاڑی کا دروازہ کھول کر بیٹھ گیا یا پھر ممکن ہے کہ بند کر کر بیٹھا ہو کیونکہ کھول کر بیٹھنے سے تو گرنے کا خطرہ رہتا ہے۔ مگر بند دروازے سے وہ اندر کیسے گیا۔ شاید وہ کوئی روح ہو یا ممکن ہے کہ دروازہ ہی نظر کا دھوکہ ہو۔ بہرحال یہ سب میرے خیالات تھے ورنہ سچ صرف یہ ہے کہ میری حالت اس وقت ’’خراب کی سی ‘‘تھی۔ البتہ میں نے اتنا ضرور دیکھا کہ گاڑی گولی کی طرح آگے بڑھی اور اگر میں آگے سے ہٹ نہ جاتا تو وہ یقیناً مجھے روند ہی دیتا۔ میں بڑی حسرت سے دور ہوتی ہوئی گاڑی کو دیکھ رہا تھا جس میں ایک ایسی حسینہ براجمان تھی جسے پانا اب میرا مقصد بننے والا تھا۔
ڈھونڈنے نکلو تو خدا بھی مل جاتا ہے اور وہ تو محض ایک حسینۂ رعنا تھی۔ ایک شام میں نے اسے ریس کورس پارک میں ٹہلتے ہوئے دیکھ لیا۔ بس فوراً ٹی شرٹ کے مڑے کالر سیدھے کرتا اور موزوں کو تا حدِ امکان اوپر کھینچتا(مقصد یقیناً نیکر سے پیدا ہونے والی برہنگی کو کم کرنا تھا) اس کے قریب چلا گیا اور اس کے ساتھ چلنے لگا۔
’’تم یہاں؟‘‘اس نے ناپسندیدگی سے دیکھا۔
میں نے گردن کو ہلکا سا خم دیا۔ اتنا ہلکا کہ اسے میرے سر کے بالوں کی کمی کا احساس تک نہ ہو سکا۔
’’ہوں۔ ۔ ۔ تو جناب مجھ سے ملنے کے لئے آئے ہیں؟‘‘اس کا لہجہ اتنا سرد تھا کہ میں گھبرا گیا۔
’’نن نہیں۔ ۔ ۔ میں تو سپرے کرنے آیا تھا۔ مچھر بہت ہو گئے ہیں نہ۔ ‘‘
’’سپرے کیا نہیں پھر؟‘‘اس کا لہجہ اب تمسخرانہ تھا۔ میں جانتا تھا کہ اب میں جتنا بھی بولوں گا اتنا ہی احمق لگوں گا مگر ایسے لمحات ہوتے ہیں نہ جب آپ خود کو روک نہیں سکتے۔ تو وہ بھی ایسا ہی لمحہ تھا۔
’’نہیں آج تو سروے ہی کیا ہے۔ اصل میں مشین تو دفتر میں ہے۔ وہاں مالی نے گھاس کاٹنا تھی۔ ‘‘میں نے سنجیدہ انداز میں کہا۔ مجھے لگ رہا تھا جیسے وہ اس جملے میں چھپے لطیف سے طنز کو محسوس کر لے گی اور سمجھ جائے گی کہ کچھ باتوں کو ان کہا رہنے دینا چاہیے۔ ۔ ۔ ہماری محبت کی طرح۔ مگر وہ کسی فلسفی کی طرح بے حس تھی۔ بڑی بے رحمی سے پیاز کی روح تک پہنچنے کے لئے اس کے چھلکوں کو اتارتی چلی جاتی تھی۔
’’کیا وہ سپرے کرنے والی مشین سے گھاس کاٹتا ہے ؟‘‘
’’اوہ۔ ۔ ۔ آپ بھی کتنی بھولی ہیں (میں نے ہلکا سا قہقہہ لگایا)۔ بھلا سپرے والی مشین سے گھاس کیسے کٹ سکتا ہے ؟‘‘
’’پھر؟‘‘
’’وہ تو میں گھاس کاٹنے والی مشین سے سپرے کرتا ہوں۔ ‘‘
اس نے مجھے ان نظروں سے دیکھا جیسے میرے سر پر سینگ نکل آئے ہوں۔ پھر وہ رکی نہیں۔ تیز تیز قدم اٹھاتی گاڑی تک گئی اور چراچراتے ٹائروں کے ساتھ گاڑی ہوا ہو گئی۔ وہ شاید مجھ سے خفا تھی تبھی تو ایسے چھچھورے انداز سے گاڑی نکال کر لے گئی تھی۔ ۔ ۔ یا پھر وہ زمین پر بنے ٹائروں کے نشانات کے ذریعے مجھے اپنے گھر کا راستہ دکھلا نا چاہ رہی تھی۔ اس خیال کا آنا تھا کہ میرا دل خوشی سے بھر گیا۔
میں نے زندگی میں پہلی عقلمندی کی جو موٹر سائیکل کی بجائے ٹیکسی میں اس کا پیچھا کیا اور یوں میں اس کے گھر تک پہنچ گیا۔ وہ تو اندر چلی گئی اور مجھے جب اور کچھ نہ سوجھا تو گیٹ کے سامنے جا کر اونچی آواز میں گانا شروع کر دیا۔ اس قسم کا سین میں متعدد فلموں میں دیکھ چکا تھا اور کسی کا دل موم کرنے کا یہ مجرب نسخہ معلوم ہوتا تھا۔ اچانک گیٹ کھلا اور بڑی بڑی مونچھوں والا پٹھان چوکیدار میری طرف بڑھا۔ پتہ نہیں فلم میں جب ہیرو گانا گاتا ہے تو محلے والے اور ہیروئین کے چوکیدار کہاں چلے جاتے ہیں؟بہرحال چوکیدار نے مجھے اندر کا راستہ دکھایا بلکہ وہ تو میری رہنمائی کرنے کے لئے میری قمیض کا کالر پکڑ کر خود بھی چل پڑا۔ لیکن اس گنوار آدمی کا انداز ایسا تھا کہ کوئی اور ہوتا تو یقیناً یہی سمجھتا کہ وہ مجھے گھسیٹتا ہوا اندر لے جا رہا ہے۔ میں نے مزدور طبقہ کے حق میں دعائے خیر کی جسے ہمارے غلط طبقاتی نظام نے صحیح تعلیمو تربیت سے محروم رکھا۔ اگر وہ ذرا سا بھی پڑھا لکھا ہوتا تو یہی کہتا کہ
’’حضور چلئے۔ ۔ ۔ اندر آپ کا انتظار ہو رہا ہے۔ بس گیٹ کراس کر کر کتے سے نظر بچاتے ہوئے بائیں طرف مڑ جائیے گا۔ ‘‘
میں کیا انکار کرتا؟بہرحال اندر میرا سابقہ اعلی تعلیم یافتہ اور مہذب لوگوں سے پڑنے والا تھا اس لئے میں مطمئن تھا۔ باہر لان میں ہی وہ حسینہ اور ساتھ میں تین نوجوان لڑکے بیٹھے چائے پی رہے تھے۔ لڑکوں کو دیکھ کر میں فوراً اًس خوش فہمی میں مبتلا ہو گیا کہ ہو نہ ہو وہ اس مہ جبیں کے برادر ہوں گے۔ ان میں سب سے بڑا جو سلیقے سے پہنے سوٹ میں خاصا جچ رہا تھا غالباً مصافحے کی غرض سے میری طرف بڑھا۔ میں نے بھی جسم کو ہلکا سا خم دیتے ہوئے ہاتھ مصافحے کے لئے آگے بڑھایا۔
یہاں آپ قطعی یہ نہ سمجھیے گا کہ میں ان سے مرعوب تھا اس لئے ان کے سامنے جھک گیا۔ ۔ ۔ بالکل نہیں۔ ۔ ۔ میں نے صرف جسم کا ہلکا سا خم دیا تھا تاکہ تعظیم کا پہلو پیدا ہو سکے۔ اب تعظیم اور رکوع میں جو مبہم سا فرق ہے اس سے اہلِ نظر خوب واقف ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ جسم کی قدرتی بے پناہ لچک کی وجہ سے شاید میں کچھ زیادہ ہی جھک گیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ بہرحال اس سے پہلے کہ میں سیدھا ہوتا اچانک مجھ پر زیادہ تعلیم کی خرابیاں بھی عیاں ہونے لگیں۔ مجھے یوں محسوس ہوا کہ ان پڑھ لوگوں کے بارے میں جو میں سوچ رہا تھا وہ کچھ مبالغہ ہی تھا۔ چوکیدار اب مجھے ایک معصوم فرشتہ نظر آنے لگا اور محلے کا خرانٹ موچی بہت پہنچا ہوا بزرگ دکھائی دینے لگا۔ پھر کہیں سے وہ چوکیدار بھی آ گیا اور شاید کرسیوں پر بیٹھے باقی دونوں لڑکے بھی اٹھ کھڑے ہوئے۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کسی ضروری کام کی وجہ سے میں نے واپسی کا ارادہ کر لیا ہو مگر گمانِ غالب یہی ہے کہ میں ان کے تیور بھانپ گیا تھا۔ بہرحال علم اور جہالت کے جمہوری اتحاد نے مجھے ایسا گھیرا کہ دنیا کی ہر سوچ، ہر فکر نے میرا پیچھا چھوڑ دیا۔ سوائے اس کے کہ گھونسہ زیادہ تکلیف دہ کب ہوتا ہے۔ ۔ ۔ جب وہ چہرے پر پڑے یا پھر پیٹ میں۔
میری آنکھ ہسپتال کے ایک کشادہ سے کمرے میں کھلی جسے میرے والدین نے میرے لئے مخصوص کروا دیا تھا۔ البتہ غالباً اضافی جگہ کے پیشِ نظر یا پھر شاید رحم کے جذبے سے مغلوب ہو کر پندرہ بیس بستر اور لگوا دیے تھے جن پر لیٹے مریض کراہ رہے تھے اور ہر بستر کے گرد تین چار لواحقین کے جمگھٹے سے تشفی کی صدائیں آ رہی تھیں۔ میں نے بستر کے اردگرد نظر ڈالی۔ والدہ اور دادی کی نگاہوں میں محبت کے سمندر موجزن تھے ، البتہ ابا اور چچا کی آنکھیں پیاسے صحراؤں کی سی بیتابی سے مجھے گھورتی تھیں۔ میں نے تھوک نگلی اور ایک نظر اپنے سراپے پر ڈالی۔ مع چہرہ پورا جسم پٹیوں میں جکڑا نظر آیا۔ میں نے فوراً اندازہ لگایا کہ کم از کم دو مہینے سے پہلے مجھے ہسپتال سے فارغ نہیں کیا جا سکتا۔ اس طرح بڑا مضبوط ۳۰۷ کا کیس بن سکتا ہے۔ اگلے ہی دن والدِ محترم مجھے گھر لے آئے۔ میں نے بڑے مدلل انداز میں انہیں ان کے قانونی فرائض سے آگاہ کیا مگر جواب میں انہوں نے اپنے کچھ معاشرتی حقوق استعمال کر ڈالے۔ ۔ ۔ حقوق جنہیں مغرب میں ہرگز نظرِ ستائش سے نہیں دیکھا جاتا اور حقوق کے بارے میں تفصیل کیا لکھوں۔ بس اتنا کافی ہے کہ بچپن میں تو ان سے واسطہ عام طور پر پڑتا ہی رہتا تھا مگر جب سے مونچھیں آئی تھیں ابا جان نے پرہیز کی ہی پالیسی اپنائی تھی۔ مگر بہرحال۔ ۔ ۔ اب تو بد پرہیزی ہو چکی تھی لہذا بہت دن کمرے میں لیٹ کر دادی اماں کی مالش اور امی کی دی ہوئی خوراکوں میں گذار دیے۔
اب میرے خیالات کچھ اس قسم کے ہو چکے تھے کہ یہ سب عشق محبت فضول اور واہیات کام ہیں اور ان سے خواری کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ مجھے چاہیے کہ میں دل لگا کر کام کروں، پڑھوں، بال بڑھاؤں۔ پھر ایک دن جب میرے پاس سب کچھ ہو گا تو اس پری چہرہ کا حصول بھی مشکل نہ رہے گا۔ بلکہ بعض اوقات تو ایسے خیالات بھی دل میں آئے کہ لعنت بھیجو اس مجسم حسن پر کہ ایک سے بڑھ کر ایک موجود ہیں۔ ۔ ۔ مگر کیا کروں کہ کم بخت دل کو سچ مچ اس سے لگاؤ سا ہو گیا تھا۔ ہاں میں واقعی اس سے محبت کرنے لگا تھا۔
دن کا ایک بج چکا تھا اور اس وقت پاکستان کا ہر شریف نوجوان ایک ہی جگہ پایا جا سکتا ہے یعنی گرلز کالج(شریف کی تخصیص اس لئے ضروری سمجھی کہ خرانٹ لڑکے تو مدت ہوئی اپنی اپنی محبوبہ کے ساتھ چمپت ہو چکے ہیں)۔ میں بھی بیسیوں نوجوانوں کی طرح موٹر سائیکل پر کہنیاں ٹکائے ، آنکھوں پر سن گلاسز لگائے گیٹ کی طرف دیکھ رہا تھا۔
میری شکل و صورت کچھ ایسی بری بھی نہ تھی۔ پانچ فٹ دو انچ قد، تقریباً پھولا ہوا ناک، نسبتاً چھوٹی چھوٹی آنکھیں مع گول شیشوں والی عینک کے ، مقابلتا ً بڑی بڑی مونچھیں (جو سر کے بالوں کی کمی پوری کرتی نظر آتی تھیں) اور حادثاً تھوڑا سا بڑھا ہوا پیٹ۔ کاغذوں میں یہ اعداد و شمار غالباً نظرِ ستائش سے نہیں دیکھے جائیں گے ، مگر ایک اور خاص بات تھی مجھ میں یعنی کشش۔ ۔ ۔ جو ناشپاتی سے چہرے سمیت سارے جسم میں کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔ یہ بات مجھے میری دادی اماں نے بتائی تھی جن کی عینک کا نمبر بڑھا بڑھا کر ڈاکٹر بھی تھک گئے ہیں اور جن کا شاید میں پہلے ذکر کر چکا ہوں۔ بہرحال میں جس پر پہلے ایک میل دور سے ہی لڑکی کو دیکھ کر لرزہ طاری ہونے لگتا تھا آج گھور گھور کر ہر لڑکی کو دیکھ رہا تھا۔ مقصد تو یقیناً اسے ڈھونڈنا ہی تھا مگر آج یہ معلوم ہو گیا کہ
’’محبت ہے آزادی و بے نیازی‘‘
وہ تو نہ آئی مگر نجانے کہاں سے چھوٹے چچا آ دھمکے اور مجھے اس ناپسندیدہ مشغلے میں مشغول دیکھ کر منہ کو پھلا لیا۔ اتنا کہ وہ انکی مختصر سی ناک کو چھونے لگا اور پھر میرے کاندھے پر بڑی بے تکلفی سے ہاتھ مار کر بولے
’’گویا چیونٹی کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ ‘‘
میں جو اس اچانک افتاد سے تلملا گیا تھا جل کر بولا
’’اگر پر لگ گئے ہیں تو آپ کیوں جل رہے ہیں؟‘‘میں لمحہ بھر کو رکا تو وہ فوراً کچھ کہنے لگے مگر میں نے ہاتھ کے اشارے سے انہیں روکا۔ اس پر بھی رکتے نظر نہ آئے تو بلند آواز میں تاسف بھرے لہجے میں کہا
’’ہاں کیا کیا جائے خاندان کے لوگ تو جلیں گے ہی‘‘۔
وہ جو اپنی بات کاٹے جانے پر اپنا سا منہ لے کے رہ گئے تھے ایک مرتبہ پھر بولے۔ اور اس دفعہ ایسی سرعت سے کہ گویا پھر کبھی بولنے کا موقع نہیں ملنے کا
’’میاں اگر مانگنا ہی تھا تو پروں کی بجائے سر کے واسطے کچھ بال مانگ لیتے۔ ‘‘
یہ کہ کر وہ فاتحانہ نظروں سے مجھے دیکھنے لگے۔ میں نے سپاٹ چہرے کے ساتھ آسمان کی طرف نظر دوڑائی اور دائیں ہاتھ کے ساتھ موٹر سائیکل کی گدی کو طبلے کی طرح بجانے کی کوشش کرنے لگا۔ یہ میرا مخصوص لاپروا سا انداز تھا مگر بادی النظر میں یہی لگتا تھا گویا میں لاجواب یا پھر شرمسار ہو گیا ہوں۔ اسی لمحے وہ کالج کے گیٹ پر نمودار ہوئی۔ میں چچا جان کی موجودگی کی پروا کئے بغیر اس کے قریب چلا گیا اور دیوانوں کے انداز میں کہا
’’بخدا آج آپ میرا سر بھی قلم کروا دیں تو بھی اپنے دل کی بات کہ کر رہوں گا۔ ‘‘
اس نے ایک لمحہ کو سوچا اور پھر میرا ہاتھ پکڑ کر گاڑی میں بٹھا لیا۔ میں ساتویں آسمان پر اڑنے لگا۔ گاڑی ایک پرسکون ریستوران کے سامنے رکی اور ایک نسبتاً کونے کی میز پر وہ اطمینان سے بیٹھ کر بولی
’’جی؟‘‘
میں یہ سب کچھ غیر متوقع طور پر ہوتا دیکھ کر گھبرا گیا تھا۔
’’وہ۔ ۔ ۔ آ آ۔ ۔ ۔ آپ۔ ۔ ۔ آپ مجھے بہت اچھی لگتی ہو۔ ‘‘
وہ زیرِ لب تھوڑا سا ہنسی۔ یقیناً اس کے دل میں لڈو پھوٹ رہے ہونگے مگر بظاہر یوں لگتا تھا جیسے میں کوئی بیوقوف بچہ تھا جس نے اپنے ہاتھ گندے کر لئے ہوں اور وہ جیسے میری ماں ہو کہ میری نادانی پر مسکرا رہی ہو۔
’’پھر؟‘‘وہ بولی۔
’’مجھے آپ سے محبت وغیرہ ہے۔ ‘‘
وہ دوبارہ اسی مشکوک انداز میں ہنسی اور بولی ’’پھر؟‘‘
مجھے اب اس کی مسکراہٹ کی غیر معمولی مشابہت سے خوف آنے لگا تھا اس لئے صاف صاف بولا۔
’’میں آپ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
اب کی بار وہ کھل کر ہنسی۔ اتنا کہ مجھے اپنے ’’بیوقوف بچہ‘‘ بننے میں کوئی شبہ نہ رہا۔
’’مگر میری تو شادی ہو چکی ہے۔ ‘‘
’’کیا؟‘‘میں نے سن گلاسز اتار ڈالے اور اپنی جیب سے ٹٹول ٹٹول کر گول شیشوں والی عینک نکال کر آنکھوں پر لگا لی۔
وہ کوئی اور تھی۔
بتانا مشکل ہے کہ کتنے دن میں نے اس کربناک انتظار اور ان بھیانک دھوکوں (جن کے بارے میں حاسدین کہتے ہیں کہ میرے ان ناخوشگوار حادثات کے پیچھے میرے چند مذموم مقاصد مثلاً لڑکیوں کو پھنسانا۔ ۔ ۔ لا حول ولا قوۃ۔ ۔ ۔ وغیرہ کار فرما ہیں) میں گذارے کہ کبھی تو کوئی مہربان لمحہ ملے گا جب میں اس سے اپنے دل کا حال کہ سکوں گا۔ حالانکہ بہت بار ’’اتفاقاً ہماری ملاقات ہوئی۔ کبھی بک سٹال پر، کبھی سڑک پر، کبھی بازار تو کبھی پارک میں (یہ اور بات ہے کہ اس اتفاق کے لئے کبھی مجھے اس کے ڈرائیور کو رشوت دینی پڑتی اور کبھی گھنٹوں اس کے گھر کے سامنے کھڑا رہنا پڑتا) مگر اس نے کبھی موقع نہ دیا۔
اور پھر وہ دن جب اس نے بڑے مہرباں انداز میں مجھے اپنے پاس بلا ہی لیا۔ اس کے چہرے پر اس دن حیا کی سرخی تھی۔ اس نے بہت جھجھکتے جھجھکتے میرا ایڈریس مانگا۔ میں نے کھوئے کھوئے انداز میں جیب سے شناختی کارڈ نکال کر اس کے ہاتھوں میں دے دیا۔ اس نے ایک نظر دیکھا اور کارڈ میرے ہاتھوں میں تھما کر واپسی کو مڑی۔
’’کچھ بتایئے نہ؟‘‘میں نے بے چینی سے کہا۔
’’بس کچھ دن اور رک جائیے۔ ‘‘اس نے شرما کر منہ پھیر لیا۔
مجھے اپنی خوش نصیبی پر یقین نہیں آ رہا تھا مگر کرنا پڑا جب تین دن کے بعد اس کی خوشبوؤں سے مہکتا لفافہ ملا۔ وضو کرنے کے بعد اسے کھولا تو وہ اس کی شادی کا دعوت نامہ تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
اس کے بعد کا قصہ کچھ طویل نہیں۔ ہم اس کی شادی میں گئے۔ خوب کھایا پیا، سلامی کا تکلف بھی نہیں کیا اور آج کل لمبی لمبی گاڑیوں کے پیچھے گھوما کرتے ہیں کہ شاید کائنات پھر گلابوں سے بھر جائے۔
٭٭٭

Of Mice and Men

جیسے جیسے کرامت سلطان صاحب ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ رہے تھے ویسے ویسے ان کی پریشانی بڑھتی جا رہی تھی۔ اگر میں یہ کہوں کہ میں ان کی مشکل کو بخوبی سمجھتا تھا تو یہ کچھ ایسا غلط نہ ہو گا۔ آخر میں چھ سال سے انکے ساتھ کام کر رہا تھا۔ اور اس دوران میرا کردار ایک ادنی ٰما تحت سے بہت آگے کا تھا۔ اگر کچھ لوگ مجھے ٹاؤٹ کہ کر میری تذلیل کرنا چاہیں تو انہیں اجازت ہے مگر میرے نزدیک یہ کاروبار تھا اور ہم لوگ شراکت دار۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور میں چاہوں گا کہ آپ لوگوں کو حقیقت کھول کر بتا دوں۔ خواب دیکھنے والوں کے نزدیک سرکاری دفاتر کا کام گویا عبادت کی طرح ہے۔ یہ لوگ منہ پھاڑ کر یوں دیانتداری، راست گوئی اور قناعت کی باتیں کرتے ہیں کہ گویا یہ کوئی حقیقی چیزیں ہوں۔ ایسا ہے نہیں۔ بہت مدت ہوئی(شاید اس پہلے دن سے جب کوئی سرکار قائم ہوئی تھی) اسے خفیہ طور پر کاروبار مان لیا گیا تھا۔ ۔ ۔ بس لوگوں کے خوش رکھنے کو اس کا اظہار نہیں کیا جاتا۔ تو یہ اصولو ضوابط میرے بنائے نہیں ہیں۔ میں تو صرف ایک ہوشیار انسان کی طرح انہیں پہچان گیا ہوں۔
اور لوگ تو ایسے بھی ہیں جو اسے کبھی نہ مانیں گے۔ آپ تمام اخبارات میں بڑی بڑی سرخیاں لگوا دو، ٹیلی ویژن پر اشتہار چلوا دو، دستور ساز اسمبلی سے قراردادیں پاس کروا دو۔ ۔ ۔ پر یہ لوگ کبھی نہ مانیں گے (یہ لوگ جنہیں شاید لگتا ہے کہ نہ ماننے سے حقیقت چھپ جائے گی) اور میں کم از کم ایک ایسے شخص کو جانتا ہوں۔
احمد یار خان۔ ۔ ۔ میرا کلاس فیلو ہی نہیں روم میٹ بھی تھا۔ میں اسے پہلی مرتبہ یونیورسٹی میں ملا۔ پہلی ملاقات میں اس نے بڑے جذباتی انداز میں مجھے اپنے خوابوں سے ملوایا اور اس کے بعد ہمیشہ وہ مجھے ایک مزدور کی طرح دکھائی دیا جو خوابوں کا بھاری بوجھ اپنی پیٹھ پر اٹھائے شہر میں گھومتا ہو۔ میں نے بڑی کوشش کی کہ اسے حقیقت کی دنیا میں لا سکوں مگر ایسے لمحات میں دلیلیں کام نہیں کرتیں۔ جب بھی میں اسے چڑانے کو کہتا کہ تم آخر کیا کر لو گے تو ہمیشہ وہ اپنا قلم دکھا کر کہتا
’’اس قلم میں بہت طاقت ہے۔ ‘‘
دو سال اسی بحث میں گذر گئے۔ اس دوران میں نے کبھی کسی رسالے میں نہ اس کی تحریر دیکھی اور نہ ہی اسے کسی ادبی محفل میں جاتے دیکھا۔ ہاں مگر ہوسٹل کے کمرے میں گھنٹوں وہ لکھنے میں مصروف ضرور رہتا۔ وہ ہمیشہ کہتا کہ اس کا ناول اسے لازوال شہرت دے دے گا۔ وہ اسے اردو ادب کا بہترین ناول قرار دیتا۔ اپنی تحریر دکھانے کے معاملے میں وہ البتہ حد درجے کا سنکی تھا۔
’’بچہ تبھی اس دنیا میں لایا جاتا ہے جب وہ ہر لحاظ سے مکمل ہو جاتا ہے۔ Premature birthموت کا دوسرا نام ہے۔ ‘‘وہ ہمیشہ کہتا۔
صبح کالج جاتے ہوئے وہ اپنے سب کاغذوں کو لوہے کے صندوق میں تالا لگا کر جاتا۔ کبھی کبھی بہت جی میں آتا کہ چپکے سے چابی کھسکا لوں یا پھر تالا ہی توڑ ڈالوں مگر پھر اپنی دوستی کا خیال آ جاتا۔ وہ برا لڑکا نہیں تھا۔ ہمیشہ میرے کام آنے کی کوشش کرتا۔ یہاں تک کہ پیسے کی ضرورت کے وقت (جس کے معاملے میں اس کا ہاتھ ہمیشہ تنگ ہی رہتا) بھی صرف وہی تھا جو ہمیشہ کام آ جاتا ورنہ ایسے مواقع پر تو بڑے بڑے رئیس لڑکے آنکھیں پھیر جاتے تھے۔
یونیورسٹی ختم ہوئی اور ہم دونوں نے اپنے حصے کے دھکے کھانے شروع کر دیے۔ میں نے تو بہرحال چند مہینوں میں حالات کو سمجھ لیا اور اماں کا زیور بیچ کر ایک سرکاری دفتر میں کلرک کی نوکری کر لی۔ تھوڑی دیر لگی جس میں میں نے دفتر کے طور طریقے سمجھ لئے اور پھر تو سب کچھ آسان ہو تا گیا۔ اماں کو تین گنا زیور بنوا دیا، ہم لوگ بہتر گھر میں منتقل ہو گئے ، میں نے شادی کر لی اور چھوٹی سی گاڑی بھی خرید لی۔ اماں اب اس نئے گھر میں اٹھلاتی پھرتیں اور اس دن کو یاد کر کے خوش ہوتیں جب انہوں نے مجھ سی فرمانبردار اور سعادت مند اولاد کو جنم دیا تھا۔
احمد یار کے حالات البتہ بہتر نہ ہو سکے۔ ان سالوں میں اس نے سب کچھ کر دیکھا۔ اس نے مقابلے کا امتحان دیا، پیٹ کاٹ کر سرکاری نوکری کی درخواستیں بھیجیں، پرائیویٹ دفاتر کے دھکے کھائے اور بس چھوٹی موٹی ٹیوشنوں سے اپنا گذارا کرتا رہا۔ اس نے مجھے بتایا تو نہیں مگر دوسرے ذرائع سے مجھے پتہ چل ہی گیا کہ اس کے گھر سے اب اسے کوئی پیسہ نہیں آتا تھا۔ اس کے ابا نے شروع شروع میں تو کہ کہلوا کر اسے کہیں لگوانے کی کوشش کی مگر صاحبزادے کے تیور دیکھ کر انہوں نے ہار مان لی۔ وہ اب اپنے گھر والوں کے دل سے اتر چکا تھا۔ اب وہ بس کبھی کبھار عید وغیرہ پر گھر چلا جاتا۔ ایسے مواقع پر وہ ہمیشہ ان کے لئے چھوٹے چھوٹے تحائف لے کر جاتا۔ پیسے تو اس کے پاس کوئی خاص نہیں ہوتے تھے اس لئے ہمیشہ مجھ سے چھوٹے چھوٹے ادھار لیتا رہتا۔ کئی مرتبہ میں نے اسے نسبتاً بڑی رقم دینے کی کوشش کی مگر اس کا ضمیر کبھی گوارا نہ کرتا تھا۔ گھر سے واپس آنے پر وہ چند ہی ہفتوں میں میری رقم لوٹا دیتا۔ میں نہیں کہ سکتا کہ وہ یہ کیسے کرتا تھا۔ شاید ایک وقت کا کھانا کم کر دیتا یا پھر شاید پھٹے پرانے کپڑے پہن کر چوک پر کھڑا ہو جاتا اور دیہاڑیاں لگاتا۔ بہرحال وہ جس دن مجھے پیسے دینے آتا تو پتہ نہیں کیوں مجھے اس کے ہاتھ بہت کھردرے لگتے ، اس کا وزن کچھ کم لگتا اور آنکھوں کے گرد حلقے زیادہ سیاہ نظر آتے۔
کرامت صاحب کی مشکل کا اندازہ مجھے کئی دنوں سے تھا مگر اب احمد یار کی صورت میں مجھے ایک حل نظر آنے لگا تھا۔ کرامت صاحب نے اپنے اعلی عہدے کی بدولت پیسہ تو بہت کمایا تھا مگر ان کے لئے پیسے سے بھی اہم تھی کرسی کی طاقت۔ لوگ ہر وقت ان کے آگے پیچھے پھرا کرتے ، شہر کی ہر اہم تقریب میں انہیں مدعو کیا جاتا، انکے لئے سپاس نامے پڑھے جاتے۔ کبھی کبھی بڑی ترنگ میں ہونے پر وہ میرے شانے پر ہاتھ مارتے اور کہتے
’’میں دولت کے بغیر رہ سکتا ہوں پر اس کرسی کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ ‘‘
اب ریٹائرمنٹ کا دن قریب آنے کے ساتھ ان کی پریشانی بڑھتی جاتی تھی۔ آدمی جہاندیدہ تھے اس لئے ریٹائرمنٹ کے بعد سرکاری افسروں کی اوقات کو اچھی طرح جانتے تھے۔ انہوں نے ایکسٹنشن کے لئے بھی بڑے ہاتھ پاؤں مارے مگر اس سیٹ پر آنے والا بندہ زیادہ با رسوخ تھا۔ پھر اوپر والے بھی ڈوبتی کشتی میں سوار ہو کر کیا کرتے۔
ایک دن میں کسی فائل پر دستخط کروانے کے لئے ان کے دفتر میں داخل ہوا تو وہ کرسی سے پشت ٹکائے بڑے اداس بیٹھے تھے۔ میں نے انہیں تسلی دی کہ بڑے راستے ہیں۔ سمجھایا کہ آپ کے پاس دولت ہے اور دولت پر تو لوگ مکھیوں کی طرح امڈے چلے آتے ہیں۔ مگر ان کے دل کو کسی پل قرار نہ تھا۔ ایسے میں میں نے ایک تجویز پیش کی
’’آپ اپنے تجربات پر ایک کتاب کیوں نہیں لکھ ڈالتے ؟آخر آپ نے طاقت کے ایوانوں میں اتنی عمر گزاری ہے ؟ایسی کتابیں بہت چلتی ہیں اور دیکھیے گا کہ آپ دنوں میں پھر سے محفلوں کی زینت بن جاؤ گے۔ ‘‘
میری اس تجویز پر ان کی آنکھیں چمک اٹھیں۔ اس دن انہوں نے چھٹی ہونے کا بھی انتظار نہ کیا اور گھر چلے گئے۔ غالباً انہوں نے آنے والی رات جاگ کر گذاری تبھی تو اگلی صبح ان کے چہرے پر تھکاوٹ ڈیرے ڈالے تھے۔ دفتر میں آتے ہی انہوں نے مجھے طلب کیا اور خشمگین نظروں سے دیکھا۔
’’میں نے اس سے احمقانہ تجویز کبھی نہیں سنی۔ ارے کتاب لکھنا کوئی مذاق تھوڑی ہے۔ ۔ ۔ تمام رات جاگا ہوں اور ایک صفحہ بھی نہیں لکھ پایا۔ ‘‘
’’آپ پریشان نہ ہوں۔ ۔ ۔ تھوڑا وقت دیں۔ ۔ ۔ اتنی بڑی زندگی میں بہت سے دلچسپ واقعات نکل آئیں گے۔ ‘‘میں نے انہیں تسلی دینے کی کوشش کی۔
’’واقعات لکھنے بیٹھ گیا تو نیب والے آ دھمکیں گے۔ ۔ ۔ ہم جیسوں کی زندگی میں واقعات نہیں ہوتے بس الزامات کا کیچڑ اچھلتا رہتا ہے اور اسی دوران وقت گذر جاتا ہے۔ ‘‘
وہ کہتے تو ٹھیک ہی تھے۔ ایسے میں مجھے احمد یار اور اس کے ناول کا خیال آیا۔ اس نے وہ ناول ایک سال سے لکھ رکھا تھا۔ وہ اسے اٹھا کر شہر کے ہر پبلشر کے پاس جا چکا تھا پر کوئی اسے چھاپنے پر تیار نہ تھا۔
’’سر۔ ۔ ۔ کتاب میں کا انتظام میں کر دیتا ہوں۔ آپ بس اسے اپنے نام سے چھپوا لیں اور شہرت کے مزے لوٹیں‘‘
’’ایسا کیسے ہو سکتا ہے ؟‘‘وہ سوچ میں پڑ گئے۔
’’سر بہت سے لوگ کرتے ہیں اور پھر آپ کی دولت اور کرسی کر تڑکا اگر لگ گیا تو شہرت نہ ملنے کی کوئی وجہ ہی نہیں۔ یقین کریں کہ عام تقریبات کی تو بات ہی نہیں آپ کو بین الاقوامی دورے بھی مل جائیں گے۔ ‘‘میں نے پر جوش انداز میں کہا۔
’’اور کتاب آئے گی کہاں سے ؟‘‘
’’وہ آپ مجھ پہ چھوڑ دیں۔ ‘‘
ظاہر ہے کہ انہیں کیا اعتراض ہو سکتا تھا۔ اس دن میں پہلی مرتبہ احمد یار کے کمرے میں گیا۔ یہ تنگ کچی گلیوں والی ایک بدبو دار سی بستی تھی۔ اس کا کمرہ بھی گندا اور ٹوٹا پھوٹا تھا۔ مجھے اسے اس حالت میں دیکھ کر بڑا ترس آیا۔ وہ البتہ مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوا۔ جھٹ سے باہر گیا اور کوکا کولا کی دو بوتلیں کھلوا لایا۔ اس کا خلوص اور اپنائیت دیکھ کر مجھے مدعا بیان کرنے میں جھجھک ہو رہی تھی۔ تو میں ادھر ادھر کی باتیں کرتا رہا۔ اسے ملامت کی کہ وہ اس طرح خود کو ضائع کر رہا ہے۔ اسے کپڑے تبدیل کرنے کو کہا اور ایک مہنگے ریستوران میں لے گیا۔ وہ اتنی مہنگی جگہ جاتے ہوئے ہچکچا رہا تھا پر میرے آگے اس کی ایک نہ چلی۔ کھانے کے بعد میں نے باتوں باتوں میں اس کے ناول کے بارے میں پوچھا۔
’’سوچ رہا ہوں کہ آگ لگا دوں اس کو۔ ۔ ۔ یہ لوگ ایسا ناول پڑھنے کے قابل ہی نہیں ہیں۔ ‘‘اس کا لہجہ تلخ تھا۔
’’یار تو ایسی چیز لکھتا کیوں ہے جسے کوئی پڑھنا نہیں چاہتا۔ ۔ ۔ یہ جمہوریت کا دور ہے اور روپوں کی صورت ہر شخص کے ہاتھ میں اس کے ووٹ ہیں۔ اب وہی چیز معتبر ٹھہرے گی جسے ان کے ووٹ معتبر ٹھہرائیں گے۔ تو یہ باتیں کہ لوگ کتابیں نہیں پڑھتے یا اچھا ادب نہیں لکھا جا رہا سب بکواس ہیں۔ اگر لوگوں کو اچھا ادب چاہیے ہوتا تو وہ تیرے ناول سی کتابیں ضرور خریدتے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو یہ سب ڈھکوسلے ہیں کہ میری کتاب ایسی ہے ، میری کتاب ویسی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سچ تو بس یہ ہے کہ تو اپنے زمانے کو ہی سمجھ نہیں پایا ہے۔ ‘‘
وہ خاموش ہو گیا جیسے کہتا ہو کہ ان باتوں کا جواب میں نہیں دینا چاہتا ہوں۔ جیسے اسے جواب معلوم ہو بس وہ بتانے پر تیار نہ ہو۔
’’تم ایسا کرو کہ نوکری کر لو۔ ۔ ۔ انتظام میں کر سکتا ہوں۔ ‘‘میں نے جال پھینکا۔
’’وہ کیسے ؟‘‘
’’یہاں سب کچھ ہو جاتا ہے۔ ۔ ۔ البتہ پیسے لگیں گے۔ اگر میرے پاس ہوتے تو میں ضرور دے دیتا پر آج کل حالات کچھ مندے ہیں۔ پھر یہ بھی جانتا ہوں کہ تم سا غیور شخص کہاں میرے پیسوں کو ہاتھ لگائے گا؟‘‘
’’میں کہاں سے لاؤں گا؟میرے گھر والے تو ایک پیسہ نہیں دیں گے مجھے۔ ‘‘اس نے مایوس لہجے میں کہا۔
ایسے میں میں نے اسے کرامت صاحب کے بارے میں بتا یا اور اس نے فوراً انکار کر دیا۔
’’اپنا ناول تو میں کبھی نہ دوں گا۔ میرے خون، گردوں یا کسی اور جسمانی عضو کے خریدار لا سکو تو احسان مند ہوں گا مگر ناول نہیں۔ ۔ ۔ میں اپنے ہاتھوں سے اسے آگ لگا دوں گا مگر ایسا نہیں کروں گا۔ ‘‘
وہ اتنے غصے میں آ گیا کہ میں نے اس موضوع پر مزید بات کرنا مناسب نہیں سمجھا اور ادھر ادھر کی باتیں کرنے لگا۔
احمد یار سے مایوس ہو کر میں نے اور بھی ہاتھ پاؤں مارے پر جس قسم کی چیز مجھے چاہیے تھی وہ کہیں سے نہ مل سکی۔ کچھ بازارو قسم کے لکھاری ملے تو ضرور پر ان کی تحریریں کرامت صاحب کو اس مرتبے پر نہیں پہنچا سکتی تھیں جس کی انہیں تلاش تھی۔ کرامت صاحب نے بہت بار مجھ سے استفسار کیا مگر میں ہر بار یہ کہ کر ٹال دیتا کہ تلاش جاری ہے۔ جیسے جیسے ان کی ریٹائرمنٹ کے دن قریب آ رہے تھے وہ پریشان اور چڑچڑے ہوتے جا رہے تھے۔ بات بات پر بلاوجہ مجھے ڈانٹ دیتے۔ پر میں کیا کر سکتا تھا؟
اس زندگی سے میں نے ایک ہی بات سیکھی تھی کہ ہم انسانوں کے پاس حالات کو بدلنے کی طاقت نہیں ہے ، کہ احمد یار جیسے لوگ بالآخر تند آندھیوں میں جڑ سے اکھاڑ دیے جاتے ہیں۔ ۔ ۔ ہم بس اتنا کر سکتے ہیں کہ اپنے راستے میں آنے والی چھوٹی چھوٹی منزلوں کو سنبھال لیں، انہیں ضائع نہ ہونے دیں۔ چھوٹے چھوٹے چوہوں کی طرح جو رات کو اپنے بِل سے نکلتے ہیں تو ان کے سامنے کوئی سفر نہیں ہوتا۔ وہ تو بس اپنے سامنے آنے والی ہر خوراک کو کترتے چلے جاتے ہیں اور پیٹ بھرنے پر بِل میں واپس چلے جاتے ہیں۔
وقت گذرتا رہا۔ ۔ ۔ اور پھر ایک رات جب بہت بارش ہو رہی تھی اور نیند میری آنکھوں سے کوسوں دور تھی(یہ بے خوابیاں اب معمول بنتی جا رہی تھیں) میں نے بیرونی دروازے کے سامنے کوئی سایہ لہراتے دیکھا۔
’’اس وقت اتنی بارش میں کون ہو سکتا ہے ؟‘‘میں نے سوچا۔ میں انتظار کرتا رہا کہ ابھی گھنٹی بجے گی مگر ایسا کچھ نہ ہوا۔ کوئی تھا جو بیرونی دروازے پر موجود تھا اور گھنٹی نہیں بجا رہا تھا۔ ایسا اتفاق عام لوگوں کے گھروں میں کبھی نہیں ہوتا اور اگر کہیں وقت بھی رات کا ہو تو فکر مند ہونا لازمی امر ہوتا ہے۔ میں نے ٹی وی چلتا رہنے دیا اور دروازے پر لگے تالے کے سوراخ سے باہر جھانکا۔ وہاں برآمدے میں کوئی شخص گٹھڑی بنا پڑا تھا۔ میں نے اپنا پستول لوڈ کیا اور جھٹ سے دروازہ کھول ڈالا۔ اس نے سر اٹھا کر مجھے دیکھا تو ایک لمحے کو تو میں اسے پہچان ہی نہ پایا۔ ۔ ۔ وہ احمد یار تھا مگر پچھلی ملاقات سے بہت ردی حالت میں۔ اس کی داڑھی بڑھ چکی تھی اور وزن بہت کم لگ رہا تھا۔
’’تم یہاں۔ ۔ ۔ اس وقت۔ ۔ ۔ خیریت تو ہے ؟‘‘
’’بس بہت پریشان تھا۔ تمہارے علاوہ کس کے پاس جاتا؟پر جب یہاں پہنچ گیا تو سوچا کہ تمہیں اس وقت ڈسٹرب نہ ہی کروں اس لئے یہیں بیٹھ رہا۔ ‘‘میں اسے اندر لے گیا اور کافی بنا کر اس کے سامنے رکھی۔ وہ بہت بھیگ چکا تھا اور سردی سے اس کے دانت بھی بج رہے تھے۔ پر اس نے کافی پینے کی بجائے میری طرف دیکھا اور لرزتی ہوئی آواز میں کہا
’’میں اپنا ناول لے کر آیا ہوں۔ ۔ ۔ کیا وہ پہلے والی پیشکش ابھی موجود ہے ؟‘‘
’’ہمم م۔ ۔ ۔ ۔ سوچنا پڑے گا۔ ‘‘میں نے کمینگی سے کہا۔
’’یار مجھے مایوس نہیں کرنا۔ ‘‘
’’ناول کسی نے پڑھا تو نہیں؟‘‘اپنے سرد لہجے پر مجھے خود بھی حیرت ہوئی۔ آخر میں کیسے لاتعلق ہو سکتا تھا؟میں اچھی طرح جانتا تھا کہ وہ ناول اس کے لئے کیا اہمیت رکھتا ہے مگر میں بہت بدل چکا تھا۔ اتنا کہ مجھے اس رویے پر شرمندگی تلک نہ ہو رہی تھی۔
’’یہی تو غم ہے۔ ۔ ۔ بہت سے پبلشروں کے پاس لے کر گیا پر انہوں نے نام اور میری شکل دیکھتے ہی اسے نیچے رکھ دیا۔ ‘‘
’’تو گویا نام تبدیل کر کے کام بن جائے گا۔ ‘‘میں نے سوچا۔ ’’اور تم یہ راز کبھی کسی کو نہیں بتاؤ گے ؟‘‘
’’کبھی نہیں۔ ۔ ۔ تم تو مجھے جانتے ہو۔ ویسے بھی میں جان گیا ہوں کہ ایسی کتاب کسی کو خوشیاں نہیں دے سکتی۔ ۔ ۔ کسی کو کچھ بھی نہیں دے سکتی۔ ‘‘
’’ٹھیک ہے۔ تم اپنی نوکری پکی سمجھو۔ ‘‘میں نے کاروباری انداز میں کہا ’’اور کچھ؟‘‘
’’نہیں چلتا ہوں۔ ‘‘
’’کافی پیو گے ؟‘‘
’’نہیں۔ ۔ ۔ ‘‘
وہ کمرے سے نکلنے لگا تو میں نے پوچھا۔
’’تم تو اسے اپنے جسم کا حصہ کہتے تھے پھر اب کیا ہوا؟‘‘
’’میں نے غلط نہیں کہا تھا۔ پر لوگ اپنا جسم بھی تو بیچ دیتے ہیں۔ ۔ ۔ تم مجھ پر ہنسو گے پر حقیقت یہ ہے کہ مجھے محبت ہو گئی ہے اور نوکری اس کے گھر والوں کی واحد شرط ہے۔ ۔ ۔ تو میں اس کتاب کا کیا کروں جس کے ہوتے ہوئے میری محبت کو تکیوں میں منہ چھپا کر رونا پڑے ‘‘۔ وہ چلا گیا۔ میں بے یقینی سے اسے دیکھتا رہا۔ مجھے لگا جیسے میں کبھی بھی احمد یار جیسے لوگوں کو سمجھ نہیں پاؤں گا۔
باقی کا کام زیادہ مشکل نہیں تھا۔ کرامت صاحب کی ریٹائرمنٹ کی تقریب پر کتاب کا دھماکہ بھی کر دیا گیا۔ لوگوں کو ایک خوشگوار حیرت ہوئی کہ اتنے بڑے افسر نے اپنی کتاب کی پبلسٹی کے لئے اپنے اختیارات کا سہارا نہیں لیا۔ کتاب چُھپائے رکھی اور نکالی بھی تو ریٹائرمنٹ کے دن۔ لوگوں نے اس بلند کرداری اور اعلیٰ ظرفی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
میں نے کتاب کی کاپیاں ملک کے تمام اہم اخبارات و جرائد، نقادوں اور سرکاری افسران وغیرہ کو بھجوا دیں۔ اگلے ہی دن سے مبارکباد کے فون آنے شروع ہو گئے اور ایک دو ہفتے میں انہیں اتنی تقریبات میں بلایا گیا جتنا کبھی ملازمت کے دوران بھی نہ بلوایا گیا تھا۔ کرامت صاحب نے ہمیشہ افسر اور ماتحت کا فاصلہ برقرار رکھا تھا مگر ایک دن انہوں نے مجھے گلے لگا لیا اور میرے کانوں میں سرگوشی کی
’’یہ سب تمہاری وجہ سے ہے۔ ۔ ۔ شکریہ۔ ‘‘
کچھ ہی دنوں میں حالات نے ذرا پیچیدہ صورت اختیار کر لی۔ شروع میں تو لوگوں نے کتاب کو دیکھ کر ہی تعریفو توصیف کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔ پر جب چند ہمت والوں نے کتاب کی گہرائی میں جا کر دیکھا تو ان پر کرامت صاحب کی اصل عظمت کا راز کھلا۔ پھر تو جیسے ادب کی پرسکون دنیا میں تہلکہ مچ گیا۔ تنقید نگاروں کے نزدیک کرامت صاحب نے اردو ہی نہیں بلکہ عالمی ادب کا ایک شاہکار تخلیق کر دیا تھا۔ کتاب کے انگریزی سمیت مختلف زبانوں میں ترجمے ہونے لگے اور ایسے میں مجھے پہلی بار احساس ہوا کہ کھیل بگڑ رہا ہے۔ میں کرامت صاحب سے ملنے گیا تو وہ بھی بوکھلائے پھر رہے تھے۔
’’اب کیا ہو گا؟‘‘انہوں نے مجھے دیکھتے ہی کہا۔
میں انہیں کیا جواب دیتا۔ ابھی کچھ ہی دنوں میں تنقید نگار اور طالبِ علم ان کے سکول کے ریکارڈ سے لے کر دفتری تحریروں تک سب کچھ کھنگال ڈالیں گے ، نئی کتاب کا مطالبہ ہو گا، جگہ جگہ اظہارِ خیال کی دعوت ملے گی۔ ۔ ۔ ایسے میں میں کیا کرتا؟
’’تم بس کہیں سے مجھے ایک اور کتاب لا دو۔ ۔ ۔ میں کوئی بھی قیمت دینے کو تیار ہوں۔ ۔ ۔ کچھ کرو، ورنہ لوگوں پر سب راز کھل جائے گا۔ ‘‘
میں انہیں کیسے بتاتا کہ یہ ممکن نہیں تھا۔ اس رات میں نے احمد یار کو دیکھا تھا۔ اس کے اندر کا فنکار مر چکا تھا۔ اس جسم میں تو اب بس ایک محبت کرنے والا رہتا تھا اور محبت کرنے والے بس نوکریاں کر سکتے ہیں، جنگیں لڑ سکتے ہیں، قالین بنا سکتے ہیں۔ ۔ ۔ پر شاہکار تخلیق نہیں کر سکتے۔
میں نے پھر بھی کوشش کی۔ احمد یار اب ایک درمیانے درجے کے گھر میں رہتا تھا۔ اس نے مجھے اپنی بیوی سے بھی ملوایا جو ایک سیدھی سادھی گھریلو لڑکی تھی۔ کچھ خاطر مدارات بھی کی جیسے کہ مڈل کلاس گھروں میں ہوتا ہے۔ ۔ ۔ پر جب میں نے کتاب کی بات چھیڑی تو وہ ہنسنے لگا اور بس ہنستا ہی رہا۔ میں بہت دیر وہاں بیٹھا رہا اسے دیکھتا رہا پر وہ کچھ نہیں بولا۔ ۔ ۔ ہنستا ہی رہا۔ بالآخر میں مایوس ہو کر اس گھر سے باہر نکل آیا مگر اس کے قہقہوں نے بہت دور تک میرا پیچھا کیا۔
اس واقعے کو سال سے ا وپر گذر چکا تھا۔ ہر طرف چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں۔ کرامت صاحب جو بڑے ملنسار اور تقریبات کی جان تھے اب سارا دن گھر میں بند رہتے۔ تقاریب میں شرکت تو بڑی دور کی بات ہے وہ تو قریبی دوستوں سے گھر میں ملنے سے بھی احتراز کرتے۔ ہر طرف یہی باتیں ہو رہی تھیں کہ وہ ایک اور شاہکار کی تخلیق میں مصروف ہیں۔
میری بے خوابیاں اب بڑھنے لگی تھیں۔ میں تمام رات پہلو بدلتا رہتا اور نیند جیسے میرے گھر سے نکل جاتی۔ بہت بار نیند کے تعاقب میں میں سڑکوں پر نکل آتا۔ ایسے میں میں ہمیشہ کرامت صاحب کے گھر کی طرف جا نکلتا۔ ان کی دوسری منزل پر ایک کمرے میں روشنی ہمیشہ جلتی رہتی اور ایک سایہ ٹہلتا دکھائی دیتا۔ مجھے اپنی بے خوابی بھول جاتی اور میں ان کے بارے میں سوچنے لگتا۔ مجھے لگتا جیسے وہ تھک جائیں گے اور کسی دن سڑک پر نکل کر اپنے جھوٹ کا اعتراف کر لیں گے۔ ۔ ۔ پر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
پھر ایک رات بڑی عجیب بات ہوئی۔ یوں لگا جیسے سارے شہر کی نیند میرے گھر میں ٹوٹ پڑی ہو۔ اس رات میں جی بھر کر سویا۔ صبح اٹھا تو طبیعت میں روز والی کسلمندی بھی نہ تھی۔ بیوی نے ناشتے کے ساتھ اخبار لا کر میز پر رکھ دیا۔ وہاں دو خبریں میری منتظر تھیں۔
’’حکومتِ پاکستان نے کرامت سلطان صاحب کی ادبی خدمات کے صلے میں انہیں ہلالِ امتیاز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تقریب یومِ آزادی کے دن ایوانِ صدر میں منعقد ہو گی۔ ‘‘
اور
’’معروف مصنف کرامت سلطان نے اپنے گھر میں خود کشی کر لی۔ ‘‘
میری آنکھوں کے سامنے فوراً دوسری منزل پر لہراتا وہ سایہ آ گیا اور حیرت کی بات یہ ہے کہ میرے دل میں افسوس کا شائبہ تک نہ تھا۔ مجھے لگا جیسے یہی ایک راستہ تھا کہ کرامت صاحب زندہ رہ سکتے تھے۔
پر اب بھی کبھی جب بازار میں کہیں میں وہ ناول پڑا دیکھتا ہوں تو نجانے کیوں احمد یار کی آخری ہنسی میرے کانوں میں گونجتی ہے۔ ۔ ۔ اور پھر تمام رات گونجتی رہتی ہے۔
٭٭٭

مسعود میاں

مسعود میاں سے میں صرف ایک بار ملا ہوں اور وہ بھی تھوڑی دیر کو۔ پھر وہ پہلی ملاقات والی ہچکچاہٹ بھی بیچ میں رہی۔ ۔ ۔ پر پھر بھی میں ان کے بارے میں کچھ جان گیا ہوں۔ کچھ ایسا ہوا جس نے انہیں میرے شہر کے دوسرے لاکھوں لوگوں سے ممتاز کر دیا۔ ایسا نہیں ہے کہ اب اگر میں کبھی انہیں سڑک پر جاتے ہوئے دیکھ لوں تو گاڑی روک کر دوڑتا ہوا انکے پاس چلا جاؤں گا یا پھر حاشا وکلّا اس کہانی کا مقصد انہیں ڈھونڈ نکالنا ہرگز نہیں ہے (آخر یہ کوئی تلاشِ گمشدہ کا اشتہار نہیں ہے )۔ میں سچ کہتا ہوں کہ بہت ممکن ہے وہ بس میں میرے ساتھ کھڑے رہیں اور میں انہیں پہچان بھی نہ پاؤں (چہروں کے معاملے میں میں ایسا ہی بھلکڑ ہوں)۔
مگر مسعود میاں صرف وہ تو نہیں ہیں جو اس دن میرے گھر آئے تھے۔ ایک مسعود میاں اور بھی ہیں۔ وہ بھی انہی کی طرح سانس لیتے ہیں، انہیں بھی رزق ملتا ہے۔ بس ہمیں ان کا شعور نہیں ہے۔ میں اگر انہیں مسعود میاں کا تصور کہوں تو بہت سے نقاد چلا اٹھیں گے کہ
’’تصور کی جسم سے بالا بالا کوئی زندگی نہیں ہوتی۔ تصور تو ایک عکس کی مانند ہوتا ہے۔ جب جسم آئینے کے سامنے نہ رہے تو عکس کی رخصت بھی لازم ٹھہرتی ہے۔ ‘‘
اور یہ لوگ کچھ بہت غلط نہیں ہیں۔ کم از کم سادہ منطق تو یہی کہتی ہے۔ تو چلو آسانی کے لئے میں مانے لیتا ہوں کہ جسم ہٹنے پر عکس آئینہ چھوڑ دے گا۔ لیکن وہ جائے گا کہاں؟مانا کہ وہاں نہیں رہے گا مگر کہاں؟اب عدم تو کوئی ایسی جگہ ہے نہیں جہاں کوئی محسوس ہونے والی شئے جا سکے۔ فلسفے کی بڑی پرانی بحث ہے کہ کوئی شئے معدوم نہیں ہو سکتی۔ چیزیں ہمیشہ سے ہیں اور رہیں گی۔ ہاں یہ ضرور ممکن ہے کہ ان کی حالت بدل جائے یا پھر وہ ہمارے سامنے نہ رہیں۔ تو ہم مان لیتے ہیں کہ وہ عکس آئینے میں نہیں رہتا مگر کیوں وہ کسی سنسان پہاڑی پر گوشہ نشین بھی نہیں ہو سکتا؟دریاؤں میں کشتی رانی نہیں کر سکتا؟آخر ہمارا مدعا تو یہی تھا نہ کہ وہ آئینے میں نہ رہے ؟
مجھے معلوم ہے کہ اب اور سوال اٹھیں گے۔ لوگ تو یہاں تک کہ اٹھیں گے کہ
’’میاں !اگر آپ کے کہنے کے مطابق ہر عکس اور تصور کو زندگی دے دی جائے تو پھر اس دنیا میں کہیں کوئی سنسان گوشہ نہیں بچے گا۔ آپ دریا پر جاؤ گے تو تمام دن انتظار کرنے پر بھی کشتی میں سواری کا موقع نہ ملے گا۔ پہاڑی مقام کی سیر پر جاؤ گے تو وہاں یہ عکس ریل میں ٹھنسے ہجوم کی طرح بھرے ہوں گے اور آپ کو تازہ ہوا کھانے کے لئے واپس شہر ہی آنا پڑے گا۔ ۔ ۔ کہیے کچھ جواب اس کا بھی ہے آپ کے پاس؟‘‘
میرے خیال میں تو یہ تمام اعتراضات بڑے معقول ہیں۔ یقیناً اگر ایسا ہوا تو دنیا میں تل دھرنے کی جگہ نہ رہے گی۔ ۔ ۔ پر کس نے کہا کہ دنیا ایک ہی ہے ؟جب Leevwenhoekنے پہلی مرتبہ تالاب کے گدلے پانی کو خوردبین کے نیچے دیکھا تو اسے پانی کا کوئی قطرہ نظر نہیں آیا(اور ہمارے معترضین یقیناً اس پر برانگیختہ ہو جائیں گے کہ بھلا ایسی شئے بنا نے کا فائدہ جو پانی کا قطرہ جیسی معمولی چیز نہ دیکھ سکے )۔ پر اس نے کچھ اور دیکھ لیا۔ ایک بہت بڑی دنیا جس میں ہزاروں، لاکھوں microbes تھے۔ ۔ ۔ وجود جو زندگی کے ہر معانی میں زندہ تھے۔ اس دنیا کے اپنے خواب تھے ، اپنی عمر تھی، اپنے قوانین تھے۔ ۔ ۔ تو ہم کہ سکتے ہیں کہ اس نے ایک دوسری دنیا دریافت کر لی تھی۔ اور یہ دریافت یقیناً کولمبس کے امریکہ سے اہم تھی۔
تو ایک دنیا نہیں ہے بہت سی دنیائیں ہیں۔ اور میں صرف یہ کہتا ہوں کہ کسی ایک دنیا میں وہ سارے عکس، وہ سارے تصورات، وہ سارے خواب بہرحال رہتے ہیں۔ اور میں نہیں جانتا کہ ان کی زندگی کیسی ہے۔ ۔ ۔ سارا دن ساحلِ سمندر پر اچھلتے بچوں کی طرح پر جوش یا پھر ہمہ وقت اپنے فلیٹ کے اندھیروں میں چھپے قنوطی فلسفیوں کی سی خاموش۔ یا شاید وہ ہماری طرح ہی ہوں گے۔ ایک ہی وقت میں خوش، ناراض، پر امید، بیزار اور سب کچھ۔ جیسے یہ حالتیں ہر وقت ہمارے اندر ہوتی ہیں بس ان کا تناسب بدلتا رہتا ہے۔ کوئی ایک جذبہ dominateتو کر سکتا ہے مگر ہم نہیں کہ سکتے کہ کبھی بھی باقی جذبات معدوم ہو جاتے ہیں۔
آپ شدید سے شدید ترین صورتحال کو ذہن میں لے آیئے۔ غالباً وہ لمحہ ایک اچھی مثال ہو سکتا ہے جب آپ غصے سے بے قابو ہوئے جا رہے تھے۔ آپ کی آنکھیں خون کی طرح گہری سرخ ہو رہی تھیں۔ بار بار آپ چیزیں اٹھا کر پھینک رہے تھے۔ آپ کے بیوی بچے کہیں کونوں میں دبک چکے تھے۔ ۔ ۔ ایسی حالت میں۔ ۔ ۔ ایسی حالت میں بھی آپ کے ذہن میں دوسرے خیالات منڈلاتے ہیں۔ جیسے یہ احساس کہ میں چیزیں اٹھا کر پھینک تو رہا ہوں مگر کوشش کروں گا کہ اس کی زد میں میراBig screen TVنہ آ جائے۔ ۔ ۔ نہیں، ایک لاکھ روپے کا ٹیلی ویژن بہرحال میرے غصے کے اظہار سے زیادہ قیمتی ہے۔ یا پھر جیسے یہ احساس کہ مجھے تو درحقیقت غصہ آ ہی نہیں رہا ہے۔ پر اگر میں نے اس بات پر بھی غصہ نہ کیا تو اس گھر میں میری کیا حیثیت رہ جائے گی۔ لوگ تو مجھے روندتے ہوئے گذر جایا کریں گے۔ تو مجھے ہر حال میں اپنی گردن کی رگیں پھلانا ہوں گی اور حلق سے وحشیانہ آوازیں نکال کر (جن سے میں خود بھی ڈرا جاتا ہوں) دوسروں کو خوفزدہ کرنا ہو گا۔
تو جذبات کی رو میں بہنا کوئی چیز نہیں ہوتی۔ یہ تو ایک فکشن ہے جو نوجوان جوڑوں نے اپنی غیر اخلاقی حرکات کی توجیہ کے طور پر گھڑ رکھی ہے (ہم اس پر یقین کرتے ہیں تو اس لئے کہ کبھی ہم بھی تو جوان تھے )۔ یقین کیجئے کہ انتہائے جذبات کی گھڑیوں مثلاًLovemakingکے سے عمل کے دوران بھی ہم جذبات کی رو میں نہیں بہتے۔ ہمیشہ ہمارے کان ادھر ادھر سے اٹھنے والی آوازوں پر لگے رہتے ہیں۔ ہمارا ذہن ایک دوسرے کو زیر کرنے کے نئے نئے طریقے سوچ رہا ہوتا ہے۔ حتی کہ خاتون کے ہونٹ چومتے ہوئے آپ گھٹیا سی لپ اسٹک کا ذائقہ بھی اپنے حلق میں اترتا محسوس کرتے ہو۔ ۔ ۔ تو جب آپ ایسی چھوٹی چھوٹی چیزیں محسوس کر سکتے ہو تو پھر وہ جذبات کی رو کیا ہوئی؟جب آپ مقابل کی بدبو دار سانس یا کرسی کے پہلو سے نکلنے والے کیل جیسی حقیر چیزوں کے وجود سے آگاہ ہوتے ہو تو پھر آپ کو اخلاقی قوانین سے آزاد کیسے قرار دیا جا سکتا ہے ؟تو جذبات کی رو کی حقیقت ہے تو بس اتنی کہ ہم ان لمحات سے زیادہ سے زیادہ لطف اندوز ہونے کی خاطر خود پر یہ کیفیت طاری کر لیتے ہیں۔
اب بہت سے لوگوں کو Lovemakingوالی مثال کے ضمن میں تو میری وضاحت یقیناً سمجھ میں آ گئی ہو گی مگر غصے میں کیسا لطف، کہاں کا مزا؟ایسا نہیں ہے۔ غصے سے بھی لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔ سب سے پہلے تو وہ سرخروئی کا احساس جو سینما میں اپنا پہلا شو دیکھتے کسی ہیروئن کو ہوتا ہو گا۔ لوگ اپنی سیٹوں پر اچھل اچھل کر ناچ رہے ہوتے ہیں اور کوئی جذباتی سین آ گیا تو عورتیں دوپٹے سے آنسو پونچھنے لگ جاتی ہیں۔ ۔ ۔ اگر ان سب کو خبر ہو جاتی کہ ہیروئن تو بس ایک عام سی لڑکی ہے جو یہیں اپنی سیٹ میں دھنس کر بیٹھی ہے اور جسے سکول میں بھدی آواز کا طعنہ سننا پڑتا تھا تو سارا فسوں ٹوٹ جاتا۔ تو غصے کی حالت میں پہلا لطف اپنے سحر کے مکمل ہونے کا ہوتا ہے۔ اب دوسرے صرف وہی دیکھ سکتے ہیں جو آپ دکھانا چاہتے ہو۔ اب کوئی آپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر روح میں چھپے راز نہ جان پائے گا۔ اور پھر غصے میں خون تیزی سے گردش کرنے لگتا ہے ، جسم میں توانائی سی بھرنے لگتی ہے۔ آپ لوگوں کو جو چاہو کہ ڈالتے ہو۔ اور ایسی حالت میں وہ سچ بھی سامنے آ جاتے ہیں جنہیں چھپانے میں لوگ عمریں گذار دیتے ہیں (پر کوئی اس پر اچنبھے کا اظہار نہیں کرتا کیونکہ انہیں خود بھی تو غصے کے دوران اپنے من کا بوجھ ہلکا کرنا ہوتا ہے )۔ تو دل سے بوجھ ہٹ جاتا ہے۔ ہم بے وزنی کی سی حالت میں ہوا پہ تیرتے پھرتے ہیں اور Levitationکب انسانیت کا خواب نہیں رہی۔
تو بات ہو رہی تھی ایک اور مسعود میاں کی اور اگر انہیں سمجھنا ہے تو ہمیں اس شام میں واپس جانا ہو گا جب اصل مسعود میاں نے میرے گھر کی گھنٹی بجائی۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب میری پہلی کتاب شائع ہوئی تھی۔ اب آپ اگر پاکستان کے ادبی ماحول سے ذرا واقفیت رکھتے ہیں تو بڑی آسانی سے جان جائیں گے کہ ایسی کتاب کا کیا حشر ہو سکتا تھا۔ نہ کوئی ایسی کتابیں پڑھتا ہے ، نہ دکانوں پر نظر آتیں ہیں۔ بس میرے جیسے لکھنے والے انہیں اپنے دوستوں میں بانٹ دیتے ہیں یا پھر چند مشہور شخصیات کی خدمت میں پیش کر دیتے ہیں۔ شاید اس امید پر کہ کوئی معجزہ ہو جائے۔ لیکن معجزہ کبھی نہیں ہوتا۔ البتہ دل بہلانے کا سامان بہرحال فراہم ہو جاتا ہے۔ آپ کو چند ایک تعریفی خطوط مل جاتے ہیں۔ دوست یار مذاق مذاق میں ادیب کہ ڈالتے ہیں جسے کسرِ نفسی سے آپ ماننے پر تیار نظر نہیں آتے اور ایسی ہی چھوٹی سی دنیا کے بیچ ہم کچھ دیر خوش رہ لیتے ہیں۔
میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ مجھے بھی چند تعریفی خطوط، کچھ مبارکباد کے فون موصول ہوئے ، غیر متوقع طور پر چند مشہور شخصیات نے شرفِ ملاقات بھی بخشا، چند اخبارات میں تبصرے بھی شائع ہو گئے۔ ۔ ۔ اب اس سے زیادہ بھلا میں کیا expectکر سکتا تھا؟تو میں جیسے ایک نشے میں سرشار تھا جب مسعود میاں نے میرے گھر کی گھنٹی بجائی۔
میں یہاں مسعود میاں کا حلیہ نہیں بتاؤں گا مبادا یہ سینڈریلا کے جوتے کی طرح کسی پر فٹ ہو جائے۔ ذرا سوچئے اگر واقعی وہ جوتا کسی اور خاتون کے پیر میں پورا آ جاتا تو شہزادے صاحب تو جیتے جی مارے جاتے۔ ویسے وہ پرانا دور تھا جس میں سینڈریلا کا جوتا کوئی پہن نہ سکا۔ ورنہ آج کے دور میں تو ایک ہی سائیز لاکھوں لوگوں کا ہوتا ہے۔ جیسے فرض کریں کہ وہ سائز چھ کا جوتا پہنتی تھی(جو کہ خواتین کا بڑا مشہور سائیز ہے )۔ اب اگر آپ یہ جوتا لے کر ڈھونڈنے نکلو تو ہر تیسری خاتون کے پیروں میں یہ اسی طرح فٹ ہو جائے گا کہ جیسے انہی پیروں کے لئے بنا ہو۔
یہاں سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ سینڈریلا کوئی بہت غیر معمولی پیروں کی مالک تھی۔ یا تو وہ بالکل جناتی سائیز کے تھے یا پھر بچوں کی مانند چھوٹے سے۔ اور اگر ایسے میں سپاہی اسے ڈھونڈنے نکلتے تو یقیناً انہیں کوئی ایسی نوجوان لڑکی ڈھونڈنے میں بہت دقت نہ ہوتی جو سائیز تین یا گیارہ کا جوتا پہنتی ہو(اگر آپ اس humiliationکو نظر انداز کر دیں جو ایسا جوتا اٹھائے اٹھائے پھرنے پر انہیں ہوتی)۔ لیکن سچ یہی ہے کہ ہم بس نہیں مان سکتے کہ سینڈریلا سی لڑکی ایسے عجیب الخلقت پیروں کی مالک ہو گی۔ ۔ ۔ بس کیا کریں یہ ہمارے تصورِ حسن سے لگا نہیں کھاتی۔
ایک وجہ اور بھی ممکن ہے۔ شاید پہلے زمانے میں انفرادی لوگ رہا کرتے ہوں گے۔ ہر ایک امتیازی خصوصیات کا مالک، ہر ایک علیحدہ سا انسان۔ اور اب تو ہجوم کا دور ہے۔ اب جو چاہو کر گذرو مگر آپ خود کو کسی ہجوم میں شامل ہونے سے نہیں بچا سکتے۔ جیسے اگر آپ صبح اٹھ کر ورزش کے شوقین ہو تو آپ ان لاکھوں لوگوں میں شامل ہو جو روزانہ ایسا ہی کرتے ہیں۔ اگر آپ کوٹ پہنتے ہوئے پہلے بایاں بازو اندر کرتے ہو تو آپ کا انداز ان پچاس کروڑ لوگوں سے ملتا ہے جواس طریقے سے کوٹ پہنتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار پوری دنیا کے نہیں ہیں کیونکہ تجرباتی طور پر بھی ایسا ممکن نہیں کہ تمام دنیا کے لوگوں کو کوٹ پہنایا جا سکے۔ اگر ہم ایسا کر دیتے ہیں تو کم از کم ایک لمحے کے لئے تو پوری دنیا کی غربت ڈھک جاتی ہے۔ ان ذلت کے مارے لوگوں کو معلوم ہو جاتا ہے کہ وہ بھی دوسروں کی طرح انسان ہی ہیں۔ اگر ایسا ہو گیا تو افریقہ کے آفت زدہ قصبوں اور ہندوستان کی کچی بستیوں میں کوٹ پہنے Gentlemenگھومیں گے۔ ۔ ۔ نہیں، ایسا ممکن نہیں ہے۔ ہماری تہذیب اپنے تمام تر وسائل کے باوجود بھی دنیا کے لوگوں کو ایک گھنٹے کا Gentlemanنہیں بنا سکتی۔
اور اگر ایسے میں یہ بھوکے لوگ پستول تان کر ہماری چلتی گاڑیاں روک لیں، اگر ایسے میں لوگ سینے پر بم باندھ کر ہمارے پر شکوہ ہوٹلوں کو اڑا دیں تو ہمیں شکوہ نہیں کرنا چاہیے۔ کیونکہ ہمارے وسائل نے ہمیں یہ موقع فراہم کر دیا تھا کہ ہم جب چاہتے ان کا پیٹ بھر سکتے تھے ، ہم ہر ایک کو اوڑھنے کا کپڑا دے سکتے تھے ، ہر ایک کے لئے سر چھپانے کی جگہ ممکن تھی۔ ۔ ۔ ہم یہ سب کر سکتے تھے مگر ہم نے ترجیح دی کہ ہماری الماریاں ان کپڑوں سے بھرتی رہیں جنہیں ہم کبھی نہیں پہنیں گے ، ہر شہر میں ہمارے محل بنتے رہیں جن میں خاموشی رقصاں ہو گی، ہمارے معدوں سے زیادہ خوراک جب کوڑے دانوں میں جاتی رہے۔ ۔ ۔ ایسے میں ہمیں کنپٹی پر رکھے پستول پر افسوس نہیں کرنا چاہیے کہ یہ تو ہمارا اپنا انتخاب ہے۔
تو بات ہو رہی تھی مسعود میاں کی اور ہمارے اس عہد کی جس میں ہم سب بہت شرمناک حد تک ’’عام‘‘ ہو گئے ہیں۔ تو اگر میں نے ان کا حلیہ بتا دیا تو بہت ممکن ہے کہ بہت سے شخص کل کو میرے دروازے پر آ کھڑے ہوں اور پکارا کریں کہ میں نے کیوں ان کا ذکر اپنی کہانی میں کر ڈالا۔ ان لوگوں میں آپ کو راشد، بلال، چغتائی جیسے ناموں کے لوگ ملیں گے۔ لاکھ انہیں سمجھایا جائے کہ یہاں بات مسعود میاں کی ہو رہی ہے مگر سمجھے گا کون؟
’’ہم جانتے ہیں کہ ادیب لوگ علامتیں استعمال کرتے ہیں۔ ہمیں خبر ہے کہ بعض اوقات نام تبدیل کرنے پڑتے ہیں۔ پر ہمیں یقین ہے کہ بات ہماری ہی ہو رہی تھی۔ ۔ ۔ اور آپ کو اس کا کوئی حق نہیں پہنچتا ہے۔ ‘‘
تو اس مصیبت سے بچنے کا طریقہ صرف یہی ہے کہ مسعود میاں کا حلیہ اور عمر نہ بتائی جائے۔ تو بہرحال وہ گیٹ پر موجود تھے اور میں نے لاتعلقی کے انداز سے ان کی طرف دیکھا۔ جیسے آپ گیٹ پر آنے والے اجنبیوں کو دیکھتے ہو۔ آپ نہیں جانتے کہ وہ کیوں آئے ہیں۔ مسکرا بھی نہیں سکتے کہ کہیں وہ کچھ مانگ ہی نہ بیٹھیں اور پھر اگر وہ کوئی ڈا کو وغیرہ ہوئے تو پھر۔ ۔ ۔ تو ایسے میں آپ بڑی پیشہ ورانہ غیر جذباتیت سے ان سے مدعا پوچھتے ہو۔ میں نے بھی ایسا ہی کیا۔
’’میں نے آپ کی کتاب پڑھی ہے۔ ‘‘انہوں نے پراعتماد لہجے میں کہا۔
’’آپ نے وہ کتاب کہاں سے پڑھ لی؟ وہ تو کسی دکان پر ہے ہی نہیں۔ ‘‘میرا انداز سوالیہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ میری کتاب انہیں ایک بڑے ادیب کی سٹڈی میں ملی جہاں ان کا آنا جانا تھا اور جنہیں بہرحال میں نے وہ کتاب بھجوائی تھی۔ میں نے خود کو ایک خوشگوار حیرت میں بھیگتے محسوس کیا۔ میں انہیں ڈرائینگ روم میں لے آیا اور چائے کی پیالی کے دوران ہم نے بہت سی باتیں کیں۔ انہوں نے کچھ ذکر میری تحریر کا کیا کچھ معاصر ادبا کے بارے میں اظہارِ خیال کیا۔ یہ بہر حال ایک کامیاب گفتگو تھی۔ مجھے نہ صرف اپنی تحریر کے بارے میں چند اہم پہلوؤں سے واقفیت ہو گئی بلکہ ایک اعتماد کی سی کیفیت بھی پیدا ہو گئی کہ میں واقعی لکھ سکتا ہوں۔ تھوڑی دیر میں مسعود میاں نے رخصت چاہی اور میں انہیں چھوڑنے کے لئے باہر تک گیا۔
انہیں چھوڑ کر میں واپس اندر آ گیا مگر جانتا تھا کہ وہ پانچ منٹ پیدل چلنے کے بعد بس سٹاپ پر پہنچیں گے ، وہاں بہت خوش قسمت ہونے پر دس منٹ میں بس پر سوار ہو جائیں گے اور پھر کوئی آدھ گھنٹے میں دھکے کھاتے اپنی منزل پر پہنچیں گے۔ ۔ ۔ اور یہ سب تکلیف انہوں نے صرف اس لئے اٹھائی کہ میں نے اپنی تحریر میں کہیں، کسی جگہ ان کے دل کے تاروں کو چھو لیا تھا۔
یہ ایک عجیب احساس تھا۔ میں زندگی بھر لوگوں سے ملا تھا۔ معاشرتی ضرورتوں، خون کے رشتوں اور حالات کی کشتی میں ڈولتے ہمسفروں کے تعلق کو بخوبی سمجھنے لگا تھا۔ مگر یہ کچھ اور تھا۔ ہماری زندگی کے راستے اتنے جدا تھے کہ کسی دوراہے پر ملنے کا تصور بھی ممکن نہیں تھا مگر پھر بھی ہمارے بیچ ایک تعلق تھا۔ جیسے ایک ازلی روح دوسری روح سے بات کرتی ہے۔ یہاں زمانو مکاں بے معنی ہو جاتے ہیں۔
اس سے پہلے میں سمجھتا تھا کہ میں صرف اپنے لئے لکھتا ہوں مگر اب میرے لکھے ہر لفظ پر ایک چہرے کے تاثرات بدلتے جاتے ہیں۔ کوئی جذباتی جملہ لکھ دوں تو مسعود میاں کی آنکھوں میں آنسو آ جاتے ہیں، اگر کہانی کسی موڑ پر پھنس جاتی تو وہ بے چینی سے کمرے میں ٹہلنے لگتے ، کسی بات پر اتنا ہنستے ہیں کہ مجھے لگتا جیسے ابھی محلے والے مجھ سے شور کی شکایت کرنے آ جائیں گے۔ اور جب ایسا کچھ ہو رہا ہو تو آپ لاتعلق نہیں رہ سکتے۔ کن اکھیوں سے ہی سہی مگر آپ اس چہرے کا ردِ عمل دیکھنے پر مجبور ہوتے ہو۔
تو اگر ایسے میں آپ مجھے یہ کہتا سنیں کہ میں صرف اپنے لئے لکھتا ہوں تو جان لیجئے گا کہ ابھی میری کتابیں بکنا شروع نہیں ہوئیں۔ اگر میں ایسا نہ کہوں تو مجھ پر دنیا جہان کی یاسیت حملہ آور ہو جائے گی۔
’’آخر میری کتابیں کیوں نہیں بکتیں؟جب فلاں فلاں خراب کتاب بک سکتی ہے تو یہ کیوں نہیں؟‘‘
میں ایسے بیکار جملے بڑبڑاتا رہوں گا اور پریشاں گھوموں گا۔ تو کیا بہتر نہیں ہے کہ میں خود کو بھی یقین دلا دوں کہ میں بس اپنے لئے ہی لکھتا ہوں۔ اب آپ بھلا اپنے لئے لکھتے ہو تو پھر چھپوانے کی کیا تک؟بہرحال میں نے آپ کو تو سچ بتا ہی دیا ہے نہ۔
کون کہتا ہے کہ شعورِ ذات کوئی نعمت ہے۔ اگر آپ کی روح نے بالیدگی کے مدارج طے نہیں کئے تو اس سے بڑی curseکوئی نہیں۔ کیونکہ اس کے بعد خود کو بہلانا ممکن نہیں رہتا اور زندگی میں بہلانے کے سوا ہے ہی کیا۔ بچہ روتا ہے اور ماں اسے کھلونے تھما دیتی ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ وہ کیوں روتا ہے مگر سب جانتے ہیں کہ وہ کھلونے سے بہل سکتا ہے۔ ذرا بڑا ہوا اور اداسی اس کے دل پر ڈیرے ڈالتی ہے تو کوئی نہ کوئی حسینہ اسے اپنی مخمور آنکھوں سے بہلا دیتی ہے۔ کوئی نوکری، کوئی مرشد، کوئی حادثہ، کوئی موت۔ ۔ ۔ سب اسے بہلاتے رہتے ہیں اور جو نہیں بہل سکتے وہ جنگلوں میں نکل جاتے ہیں، صحراؤں میں گھومتے ہیں اور میں ان لایعنی ویرانوں کی خاک نہیں چھاننا چاہتا تھا۔
تو ایسا کرتے ہیں کہ کوئی بیچ کا راستہ نکال لیتے ہیں جیسے کہ
’’میں مسعود میاں کے لئے لکھتا ہوں۔ میں نے دیکھا کہ اردو ادب میں معیاری لکھنے والے کم ہوتے جا رہے ہیں اور مسعود میاں پریشاں پھرتے ہیں تو میں نے سوچا کہ کچھ ایسا لکھوں جو ان کے ذوقِ مطالعہ کی تسکین کر سکے۔ ‘‘
یہ یقیناً ایک خوبصورت اور دل بہلا دینے والا خیال ہے۔ میں اب اپنے آرام دہ کمرے میں بڑے سکون سے لکھ سکتا ہوں (جیسے میں واقعی کوئی اہم کام کر رہا ہوں)۔
تو میں مسعود میاں کے لئے لکھتا ہوں۔ ۔ ۔ مسعود میاں میں جنہیں بہت زیادہ نہیں جانتا ہوں مگر جو اس شام میرے گھر آئے تھے اور غالباً ایک گھنٹہ ٹھہرنے کے بعد چلے گئے تھے مگر میرے لئے لکھنے کا مقصد اور لافانی کہانیاں رقم کرنے کی خاصی معقول وجہ چھوڑ گئے۔
٭٭٭

چاند اور افریقہ

میں نے اسے پہلی بار اپنی یونیورسٹی کی جھیل پر چلتے ہوئے دیکھا۔ وہ گہرے یخ بستہ پانی پر ایسی لاپرواہی سے چل رہا تھا جیسے یہ کوئی بڑی عام سی بات ہو۔ جیسے وہ کوئی کرتب نہیں دکھا رہا ہو بس چل رہا ہو۔ جیسے لوگ عام طور پر کھانے کے بعد چہل قدمی کرتے ہیں۔ اس کے چہرے پر وہی لاتعلقی تھی جو ہزاروں مرتبہ رسی پر چلنے والے بازی گر میں آ جاتی ہے۔ یہ بازی گر جب پہلے پہل کسی مجمع میں پرفارم کرتے ہیں تو انکے دل دھڑک رہے ہوتے ہیں۔ بہت زیادہ تربیت کے باوجود ان کے پاؤں لرزتے ہیں۔ وہ اپنی زندگی میں بیسیوں مرتبہ گر چکے ہوتے ہیں سو انہیں خوفزدہ تو نہیں ہونا چاہیے۔ ۔ ۔ پر وہ آج گر نہیں سکتے۔ کیونکہ آج گرنے پر صرف ان کے جسم نہیں ٹو ٹیں گے ہزاروں لوگوں کے خواب ٹوٹ جائیں گے۔ خواب جو انہوں نے بڑی محبت اور امید سے سینچے ہیں۔ ۔ ۔ پر لوگ ایسے نازک خواب دیکھتے ہی کیوں ہیں جنہیں دیکھنے کے لئے سانسوں کو روکنا پڑے ؟یہ ہم نہیں جان سکتے۔ ہم جان سکتے ہیں تو صرف اتنا کہ لوگ ان خوابوں کو بچانے کے لئے اپنی زندگیاں گذار دیتے ہیں۔ تمام عمر وہ ایک ایسے شیش محل کو چمکاتے رہتے ہیں جسے بے احتیاطی سے لی گئی سانس بھی گدلا کر دے گی(پر سانسوں کو آخر کب تک روکا جا سکتا ہے ؟)۔ ہر آن وہ ایک تنی ہوئی رسی پر چلنے میں کوشاں رہتے ہیں۔ یہ جانتے ہوئے بھی کہ نیند کا ایک جھونکا انہیں زمین پر گرا دے گا(اور ہمیشہ کی بیداری خدا کے سوا کسے سزاوار ہے ؟)۔
اور پھر داد و تحسین کے غلغلوں کے بیچ وہ یہ معرکہ سر کر لیتے ہیں۔ اگلی مرتبہ وہ زیادہ اعتماد، زیادہ یقین سے چلتے ہیں۔ ۔ ۔ اور پھر وہ وقت بھی آتا ہے جب انہیں خبر ہوتی ہے کہ اس رسی پر چلنا تو کوئی کرتب ہی نہیں ہے۔ وہ تو اس پر اس آسانی سے گھوم سکتے ہیں جیسے کوئی کشادہ شاہراہ پر چلتا ہو۔ اور اب ان کے دل پر بوجھ بڑھنے لگتا ہے۔
’’میں کسی ستائش کا مستحق نہیں ہوں۔ میں تو صرف چل رہا ہوں جیسے دوسرے لوگ چلتے ہیں۔ ‘‘
اب تالی کی ہر گونج انہیں اذیت دیتی ہے۔ تحسین کے ڈونگروں پر ان کا دل بیٹھا جاتا ہے۔ لیکن وہ آخر کیا کر سکتے ہیں؟اگر وہ بنا اداکاری کئے آرام سے رسی سے گذر جائیں (جیسا کہ وہ بہت دنوں سے کر سکتے ہیں) تو تماشہ ختم ہو جائے گا۔ خوشی کی آس میں یہاں آئے کتنے چہرے تاریک ہو جائیں گے۔ ہزاروں لوگوں کے خواب ٹوٹ جائیں گے۔ نہیں، وہ ایسا نہیں کر سکتے۔
تو پھر ایسے میں وہ بازی گر بے احتیاطی سے چلنے لگتا ہے۔ اب اسے گرنے کی پروا نہیں ہوتی۔ پروا ہوتی ہے تو بس اتنی کہ لوگوں کے خواب سلامت رہ سکیں۔ رسی پر چلنے کا سحر برقرار رہے۔ اور خواب تبھی زندہ رہ سکیں گے جب بازی گر کسی دن زمین پر آ گرے۔ اس کے جسم سے لہو نکلے اور چیخ چیخ کر لوگوں کو بتائے کہ یہ فن کتنا مشکل ہے ، کتنا ناممکن ہے۔ پھر بہت سے عقیدت مند ہاتھ اسے اسٹریچر پر اٹھا لے جائیں گے۔ بازی گر کا عہد ختم ہوا پر اس کے خون سے اب نئے بازی گر پیدا ہوں گے۔ وہ جو گھنی تنہائیوں میں خود سے وعدہ کریں گے
’’ہم اس ناممکن کو ممکن کر دکھائیں گے۔ ہم ثابت کر دیں گے کہ انسان بہت طاقتور ہے۔ ‘‘
لیکن یہ بات تو ہمارا بازی گر بہت پہلے سمجھ چکا تھا۔ یہ تو بس ایک انکار تھا کہ ’’میں اب ان خوابوں کا بوجھ اور نہیں اٹھا سکتا۔ چلو میں انہیں واپس تمہی میں بانٹ دوں اور سکون سے سو جاؤں۔ ‘‘
تو جھیل پر چلنے والا شخص بھی بڑی بے احتیاطی سے چل رہا تھا۔ جیسے وہ ڈوب جانا چاہتا ہو۔ جیسے اسے اپنی زندگی سے محبت نہ رہی ہو۔ یا پھر جیسے وہ سمجھ گیا ہو کہ یہ کوئی کرتب نہیں ہے۔ ۔ ۔ اور وہ آہستہ آہستہ میری طرف بڑھ رہا تھا۔
یہ جھیل میری یونیورسٹی کے عین بیچ میں تھی۔ یوں تو مشی گن میں سینکڑوں جھیلیں ہیں۔ ان میں اگر سمندر سی وسیع جھیل مشی گن ہے تو ساتھ میں سوئمنگ پول کے برابر چھوٹی چھوٹی بے نام جھیلیں بھی ہیں۔ جس جھیل کی میں بات کر رہی ہوں یہ ایک عام سی جھیل ہے۔ دس منٹ میں آپ اس کا سارا چکر لگا سکتے ہو۔ ایک مقام پر یہ جھیل قدرے تنگ ہو جاتی ہے اور وہیں یونیورسٹی والوں نے لکڑی کا ایک پل بنا دیا ہے۔ یہ پل ہمارے ہوسٹلوں اور اکیڈمک بلاکس کے درمیان ایک شارٹ کٹ کا کام کرتا تھا۔
اس پل سے گذرتے ہوئے میں ہمیشہ ایک نظر پانی پر ڈالتی جس کی سطح پر درجنوں مچھلیاں ایک دوسرے سے ٹکراتی، اچھلتی نظر آتیں۔ یہ پل سب طالب علموں کی پسندیدہ جگہ تھی اور وہ ہمیشہ یہاں سے مچھلیوں کو پاپ کارن یا سوکھی ڈبل روٹی کے ٹکڑے پھینکتے رہتے۔ اس لئے جھیل کی ساری مچھلیاں گویا اس پل کے نیچے سمٹ آتی تھیں۔ پھینکے گئے ہر ڈبل روٹی کے ٹکڑے پر بہت سی مچھلیاں اچھلتیں اور پھر کوئی ایک خوش قسمت اسے حلق میں اتارتے ہوئے اس بھیڑ سے چند لمحوں کو نکل جاتی۔ کبھی کبھی میں سوچتی کہ ان میں کوئی ایسی مچھلی بھی تو ہو گی جو اچھلنا نہ چاہتی ہو، جو لڑنا نہ جانتی ہو، جو ایسی زندگی سے انکار کر دے۔ ۔ ۔ تو ایسے میں وہ بھلا کیا کرے گی؟لیکن پھر میری نظر جھیل کے ویران کناروں پر بیٹھے کسی جوڑے پر پڑتی جو اپنے سامنے پانی میں بچے ہوئے سینڈوچ کے ٹکڑے پھینک رہے ہوتے یا کبھی کسی اڑتے ہوئے کوے کے پنجوں سے کوئی خوراک کا ٹکڑا جھیل میں آ گرتا۔ ۔ ۔ اور مجھے تسلی ہو جاتی کہ میری سست مچھلی بھی یہاں بھوکی نہیں سو سکتی۔
دن کے وقت یہ جگہ بہت مصروف ہوتی مگر اس کا اصل سحر رات کو نظر آتا۔ شب کے آغاز میں تو چند ایک نوجوان جوڑے بیئر کے خمار میں کھوئے یہاں چہل قدمی کرتے نظر آتے مگر جیسے جیسے رات گہری ہوتی جاتی یہاں خاموشی بڑھتی جاتی۔ اور اس سناٹے پر میں بہت حیران ہوتی۔ کیا یونیورسٹی کے تیس ہزار طالب علموں میں سے ایک بھی ایسا نہیں جو سو نہ پا رہا ہو؟ جسے جھیل کے پانیوں میں جھلملاتا چاند دیکھنے کی خواہش نہ ہو۔
میں یہاں ہر رات آتی اور بہت دیر تک اس پل پر کھڑے ہو کر جھیل کو دیکھتی رہتی، سوچتی رہتی اور کبھی دبی دبی آواز میں گانے بھی لگتی۔ پھر بہت رات گئے میں اپنے کمرے میں واپس چلی جاتی۔ اس وقت تک میری روم میٹ سٹیلا کا بوائے فرینڈ رخصت ہو چکا ہوتا اور وہ سوئی نظر آتی۔ مگر کمرے کا دروازہ کھلتے ہی وہ ہمیشہ بیدار ہو جاتی اور خوابیدہ سی آواز میں پوچھتی۔
’’کیا یہ تم ہو؟‘‘
میں ہمیشہ سر ہلا دیتی۔ ۔ ۔ جیسے کہ اس اندھیرے میں وہ مجھے دیکھ سکتی ہو، جیسے اس نے واقعی آنکھیں کھول رکھی ہوں، جیسے اسے میرے جواب سے کوئی دلچسپی ہو۔ اور وہ مطمئن ہو کر سو جاتی۔ میں جانتی تھی کہ میرا یہ معمول کتنا مختلف تھا دوسرے سب لوگوں سے۔ یقیناً وہ سب مجھے تھوڑا سا کھسکا ہوا سمجھتے ہوں گے۔ پر مجھے پروا نہیں تھی۔ میں نے زندگی سے یہی سیکھا تھا کہ آپ اپنے نصیب سے نہیں بھاگ سکتے سو کیوں نہ اسے ایک حقیقت کی طرح تسلیم کر لیا جائے اور اس محدودیت میں ایک بہترین زندگی گذارنے کی کوشش کی جائے۔
ایک وقت تھا جب میں ایسا نہیں سوچتی تھی۔ ۔ ۔ پر میں اس وقت سوچتی ہی کہاں تھی؟تب تو میرے ماں باپ سوچتے تھے ، میری ٹیچرز سوچتی تھیں، میرے گہرے دوست سوچتے تھے۔ اور میرے ان محبت کرنے والوں نے کبھی مجھے احساس نہ ہونے دیا کہ میں کیا ہوں۔ ۔ ۔ میں ہمیشہ سمجھتی رہی کہ جیسے میں کوئی بڑی زبردست لڑکی ہوں۔ بہت خوبصورت، بڑی ذہین، ایسی کہ مجھ پر کوئی بھی فریفتہ ہو سکتا ہے۔ میں جان گئی ہوں کہ وہ سب کتنا بڑا جھوٹ تھا۔ لیکن اس جھوٹ نے مجھے کم از کم اتنا اعتماد تو دیا کہ میں لوگوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتی تھی۔ ۔ ۔ جیسے میں انہی میں سے ایک ہوں۔
پھر ہائی سکول کا دور آیا۔ سب لڑکیاں بڑے غیر محسوس طریقے سے کسی مخصوص لڑکے سے منسوب ہونے لگیں۔ وہ لوگ اب دوستوں کا وسیع حلقہ چھوڑ کر اکیلے گھومتے ، بہت زیادہ قہقہے لگاتے ، اتنا مسکراتے کہ ان کی آنکھیں بھی مسکرانے لگتیں۔ یہ وہ دور تھا جب مجھے احساس ہوا کہ میں ان جیسی نہیں تھی۔ ان میں سے ہر لڑکی میں ایک بات تھی۔ کوئی بولتی اس ادا سے تھی کہ لڑکے دل ہار جاتے ، کسی کا چہرہ کسی کی آنکھیں، کوئی جسم کوئی سپورٹس کار۔ ۔ ۔ ہر ایک کے پاس کچھ تھا۔ اور میں جو شرمناک حد تک معمولی تھی۔ اور کون ایک عام سی لڑکی کے ساتھ گھومنا پسند کرتا ہے ؟ میں بہت مایوس ہوئی مگر پھر فیصلہ کیا کہ میں ہار نہیں مانوں گی۔
تو میں نے وہ سب کچھ کیا جو میرے جیسی لڑکیاں ہمیشہ کیا کرتی ہیں (تب میں یہ نہیں جانتی تھی۔ میں تو سمجھتی تھی کہ ایک میں ہی ہوں جو زندگی کے سامنے اس طرح سینہ سپر ہو گئی ہوں)۔ میں نے اپنے ذہن اور اس کے سوالوں کو خاموش کر دیا(اور کون لڑکا خود سے ذہین لڑکی کے ساتھ comfortable ہوتا ہے )۔ اب مجھ سے بات کرنے والا لڑکا صرف اس لڑکی کو پائے گا جسے تیز رفتار کاروں، کلب میں ناچنے اور میک اپ کے سوا کسی چیز سے دلچسپی نہ ہو۔ ایک لڑکی جس کی کوئی اپنی خواہش، کوئی خواب نہیں ہوتے۔ وہ بس اپنی زندگی میں آنے والے ہر اجنبی کے خوابوں کو اپنا تی چلی جاتی ہے۔ بڑی توجہ سے ان نوجوانوں کے بیکار منصوبوں اور خوابوں کی تفاصیل سنتی ہے اور پھر انہیں یقین دلا دیتی ہے کہ زندگی میں انکے خوابوں سے اہم کوئی چیز نہیں۔ جو انکے ساتھ چلنے کے لئے اپنے آپ سے بچھڑتی چلی جاتی ہے۔ تو میرے کپڑے مختصر سے مختصر ہونے لگے (اتنے کہ کبھی کبھی مجھے اپنے آپ سے گھن آنے لگتی) ، میں نے ایک سیکنڈ ہینڈ Mustangخرید لی(جس کی مہنگیmaintenanceکے لئے مجھے کالج کے بعد نوکری کرنا پڑتی)۔ ۔ ۔ میں نے کیا کیا نہیں کیا؟
لیکن اس سب کے باوجود مجھے معلوم ہو گیا کہ میں وہ سب کچھ کبھی حاصل نہ کر پاؤں گی جو میرے دوستوں کو بنا کسی کوشش کے ملتا چلا جا رہا ہے۔ میں ہمیشہ کے لئے ایک معمولی اور فالتو لڑکی ہی رہوں گی۔ ۔ ۔ لڑکے جس کے ساتھ خوشدلی سے بولیں گے ، وہ اس کے کمرے میں داخل ہونے پر مسرت کا اظہار بھی کریں گے ، بہت desperateہونے پر اس کے ساتھ ایک رات بھی گذار لیں گے۔ مگر کوئی مجھ سے محبت نہیں کرے گا۔ میں یونہی جھوٹی نیک دلی سے سب کی دلجوئی کرتی رہوں گی، دوستوں پر پیسے خرچ کرنے میں سب سے آگے رہوں گی۔ مگر رہوں گی میں وہی فالتو لڑکی۔ اور میں ایسی لڑکی نہیں رہنا چاہتی تھی۔
سو ایک دن میں نے اپنی آنکھوں سے کنٹیکٹ لینز اتار پھینکے (جن کے مسلسل استعمال سے میری آنکھیں دکھنے لگی تھیں)۔ میں نے اب بڑے شیشوں والی ایک عام سی عینک خرید لی۔ سٹیلا کہتی تھی کہ میں اسے لگا کر اپنی عمر سے پانچ سال بڑی نظر آتی ہوں۔ پر میں نے پروا نہیں کی۔ میں نے اپنے تمام مختصر کپڑے اٹھا کر الماری کے کونے میں پھینک دیے اور عام سے رنگوں کے آرام دہ کپڑے پہننے لگی۔ اپنی کار بیچ کر ایک سائیکل خرید لی۔ اور میں نے بہت سی مصروفیات بھی ڈھونڈ لیں۔ میرے شیلف پر نئی کتابیں آ گئیں، میں اب دوپہر کو اکیلے ہی فلم دیکھنے چلی جاتی اور رات دیر تک جھیل پر کھڑی رہتی۔
میں اب بھی اپنے دوستوں سے ملتی تھی مگر بغیر کسی امید کے۔ اب میں ان کے سامنے بلا تکان بولتی اور جو کہنا چاہتی کہ ڈالتی۔ آہستہ آہستہ انہوں نے مجھے اس نئے رول میں accept کر لیا۔ اور پھر سب کچھ آسان ہو گیا۔ میں اب ان کی بس ایک اچھی دوست تھی۔ انہیں اب میرے سامنے مصروفیت کے جھوٹے بہانے نہیں کرنے پڑتے تھے۔ ہم جب وقت پاتے تو مل بیٹھتے اور خوب قہقہے لگاتے اور جب رخصت ہوتے تو دل میں کوئی رنج نہ ہوتا۔
شام کے بعد البتہ میں اکیلی ہو جاتی۔ میں ہمیشہ اس جھیل پر آ جاتی۔ کبھی اس کے کنارے ٹہلتی رہتی اور کبھی لکڑی کے پل پر کہنیاں ٹکا کر کھڑی ہو جاتی اور لہروں میں لرزتے چاند کو دیکھتی رہتی۔ تو وہ بھی ایک عام سی رات تھی۔ ہوا چلنے کے ساتھ سوکھے پتوں کی کھڑکھڑاہٹیں یہ بتاتی تھیں کہ خزاں اپنی پوری حشر سامانیوں کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ ہوا میں اب خنکی بڑھنے لگی تھی۔ شاید کچھ ہی دنوں میں موسم کی پہلی برف پڑے گی۔ برف جس کے بعد رات بڑی روشن سی ہو جائے گی۔ برف کا خیال آتے ہی میں نے اپنے کوٹ کو جسم پر لپٹا لیا۔ میں یہاں بہت دیر سے کھڑی تھی اور اب جانے کو ہی تھی کہ میں نے اس کو دیکھا۔ ۔ ۔ وہ بڑے سکون سے جھیل پر چلتا ہوا میری طرف آ رہا تھا۔ وہ جھیل پر جہاں جہاں قدم رکھتا وہاں چاندنی شرما کر سمٹتی جاتی۔ وہ تھا ہی ایسا خوبصورت۔ ہالی وڈ کے کسی اداکار کی طرح خواب سا لگتا تھا۔ پھر وہ میرے بہت قریب آ گیا۔ اتنا قریب کہ میں اس کی نیلی آنکھیں دیکھ سکتی تھی، اسے ہاتھ بڑھا کر چھو سکتی تھی۔ ۔ ۔ اور وہ مسکرا رہا تھا۔ وہ اس سمے اتنا اپنا لگ رہا تھا کہ میرے دل نے چپکے سے سرگوشی کی
’’سب انتظار ختم ہوا۔ آج کی رات تمہیں جھیل سے جانا نہیں پڑے گا۔ تم تمام رات یہاں کھڑی رہ کر ان آنکھوں میں دیکھ سکتی ہو‘‘۔ میں نے سر ہلا دیا جیسے سب کچھ سمجھ گئی ہوں اور پھر بے اختیار بھاگ کھڑی ہوئی۔ میں خوفزدہ نہیں تھی مگر بھاگ رہی تھی اور اونچی آواز میں چیختی بھی تھی۔ مجھے خبر تھی(پتہ نہیں کیسے مگر میں جانتی تھی) کہ وہ میرے پیچھے نہیں آ رہا۔ وہ تو وہیں جھیل پر کھڑا ہے اور مسکرا رہا ہے۔ مگر میں پھر بھی بھاگتی رہی، پھر بھی چیختی رہی۔
میں ابھی اپنے ہوسٹل سے تھوڑا دور تھی کہ مجھے کالج سیکیورٹی کی ڈیوٹی کرتا ایک طالب علم نظر آیا۔ یونیورسٹی کے لڑکے اکثر یہ نوکری کیا کرتے ہیں۔ کام کچھ ہوتا نہیں تھا بس وائرلیس پکڑ کر رات بھر گھومتے پھرو۔ یہ والا لڑکا بڑا معصوم اور کم عمر نظر آتا تھا۔ ایسا لگتا تھا جیسے کسی چھوٹے بچے نے پولیس کی وردی پہن لی ہو اور اب اکڑے اکڑے پھرتا ہو۔ میں اس کے قریب جا کر رک گئی۔ میں جانتی تھی کہ وہ مجھے کسی چوہے سے بھی بچا نہیں سکتا ہے مگر میں پھر بھی رک گئی۔ اس نے اپنی آواز کو بھاری اور معتبر بنا نے کی کوشش کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا ہوا ہے ؟اس کے پوچھنے پر مجھے پھر سے پانی پر چلتا ہوا شخص یاد آ گیا اور میں دوبارہ سے چلاتے ہوئے بھاگ پڑی۔ وہ بھی خوفزدہ ہو گیا اور میرے ساتھ بھاگنے لگا۔ اس کے ہاتھ میں پکڑا وائرلیس سیٹ وہیں گر گیا اور وہ اب بھینچی بھینچی آوازوں میں چیخ بھی رہا تھا۔
’’وہ اب یقیناً یہ نوکری نہیں کرے گا۔ اس سے تو بہتر برتن دھونا ہے۔ ‘‘یہ سوچ کر مجھے ہنسی آ رہی تھی۔
ہاسٹل کے دروازے کو میں نے چابی سے کھولا اور جلدی سے اندر داخل ہو کر دروازہ بند کر دیا۔ اتنے میں وہ بھی چیختے ہوئے دروازے تک آ پہنچا۔ دروازہ بند دیکھ کر وہ کھڑا ہو گیا۔ شاید اسے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ اب کیا کرے ؟اس نے خوفزدہ انداز میں ادھر ادھر دیکھا اور پھر پھونک پھونک کر قدم رکھتا دائیں طرف چلا گیا۔ اس کی ان معصوم حرکات نے میرے دل سے سارا خوف نکال دیا۔ اب میں ہنس رہی تھی اور یونہی ہنستے ہنستے میں کمرے میں داخل ہوئی
’’یہ تم ہو؟‘‘سٹیلا نے خوابیدہ آواز میں کہا۔
’’نہیں۔ ۔ ۔ میں کوئی بھوت ہوں۔ ‘‘میں نے چہک کر کہا۔
لیکن اس نے کسی ردِ عمل کا اظہار نہ کیا اور پھر سے گہری نیند میں ڈوب گئی۔ کتنی عجیب تھی وہ جو ایک بیکار سا سوال پوچھنے کے لئے اپنی نیند خراب کیا کرتی تھی(مگر کیا وہ واقعی اپنی نیند خراب کرتی تھی؟کبھی کبھی تو مجھے لگتا جیسے وہ کوئی میکانکی عمل ہو جسے آپ سوتے میں بھی انجام دے سکتے ہو)۔ سوال جس کا کوئی مقصد نہیں ہوتا تھا۔ جس کے جواب سے بھی اسے سروکار نہیں ہوتا تھا۔
میں فوراً ہی اپنے بستر پر لیٹ گئی۔ یہاں اپنے کمرے کے مضبوط حصار میں میں اسے سوچنا چاہ رہی تھی پر بہت تھکنے کی وجہ سے مجھے نیند آ رہی تھی۔ خیر کیا پروا
’’خواب میں تو اسے میں دیکھ ہی لوں گی۔ ‘‘میں مسکرائی اور نیند کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
اس رات میں نے بہت سے خواب دیکھے۔ ۔ ۔ عجیب و غریب خواب۔ میں اونچی اونچی سیڑھیوں پہ چڑھی جاتی ہوں، سٹیلا کے ساتھ شاپنگ کرتی ہوں، اپنے پرانے گھر میں جا نکلتی ہوں، فریج سے سارے چاکلیٹس نکال کر کھا جاتی ہوں۔ ۔ ۔ اور ایسے ہی بیکار خواب۔ مگر نہیں۔ ۔ ۔ میں اپنے خواب میں اسے نہیں دیکھ پائی۔ گو میں اسے واقعی دیکھنا چاہتی تھی۔ اور یہ بات بڑی حیران کن تھی۔ میں تو دن میں ہونے والی چھوٹی چھوٹی باتوں کو بھی خواب میں دیکھ لیتی تھی اور یہ تو بہت بڑا واقعہ تھا۔ پھر ایسا کیوں ہوا؟پر خوابوں پر کوئی اختیار تو نہیں چلتا نہ۔ آج میری کلاس کافی صبح تھی اس لئے میں بستر پر لیٹ کر زیادہ دیر تک سوچ نہ سکی اور شاور لینے چلی گئی۔
کلاس کے بعد مجھے بھوک لگ رہی تھی اس لئے کچھ کھانے کو کیفے ٹیریا میں پہنچ گئی۔ میں اپنی نشست پر بیٹھ رہی تھی کہ میری نظر اس پر پڑی۔ وہ سر جھکائے کوئی کتاب پڑھ رہا تھا اور ساتھ میں کافی کی ہلکی ہلکی چسکیاں بھی لے رہا تھا۔ یہ یقیناً وہی تھا۔ اس نے تو کپڑے بھی تبدیل کر کر آنے کی زحمت نہ کی تھی۔ وہی رات والے کپڑے تھے۔ میں نے اس کے جوتوں کو دیکھنے کی کوشش کی کہ کیا خبر چاندنی کا کوئی ٹکڑا اب بھی ان سے لپٹا ہو۔ ۔ ۔ پر ہم دن میں بھلا چاندنی کہاں دیکھ سکتے ہیں؟دن میں تو چاند بیچارہ بھی بڑی مشکل سے نظر آتا ہے۔ میں الجھن میں تھی کہ کیا کروں؟ اس سے خوفزدہ بھی تھی اور جاننا بھی چاہتی تھی کہ وہ رات کو جھیل پر کیا کر رہا تھا؟ اور پانی پر چلنے میں راز کیا تھا؟میں نے کیفے ٹیریا میں نظر دوڑائی تو بہت سے لوگ نظر آئے۔
’’اتنے لوگوں کے بیچ تو اسے ملا ہی جا سکتا ہے۔ ‘‘میں نے سوچا اور اس کی میز پر چلی گئی۔
’’ہیلو‘‘
اس نے سر اٹھا کر مجھے دیکھا تو اس کے چہرے پر شدید حیرت اتر آئی۔
’’مجھے پہچانا آپ نے ؟‘‘
’’آ آ آ۔ ۔ ۔ ۔ آپ۔ ۔ ۔ ۔ نہیں ‘‘اس کے لہجے سے صاف لگتا تھا کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے۔ پر یہ وہ جھوٹ نہیں لگتا تھا جیسے وہ میرا مذاق اڑا رہا ہو۔ یہ تو ایسے لگتا تھا جیسے وہ خود بھی سمجھ نہ پا رہا ہو۔
’’ہم کل رات جھیل پر ملے تھے۔ ‘‘میں نے کہا۔
’’میں سمجھا نہیں۔ ۔ ۔ میں تو کل رات اپنے کمرے سے نکلا ہی نہیں۔ آج ٹیسٹ ہے اسی کی تیاری کرتا رہا۔ ‘‘اب وہ سچ بولتا نظر آ رہا تھا۔
’’آپ جھوٹ بول رہے ہو۔ ‘‘میں نے بے یقینی سے کہا۔
’’میں کیوں جھوٹ بولنے لگا؟ ویسے آپ کو یقین نہیں آتا تو کرس سے پوچھ لیں۔ یہ میرا روم میٹ ہے۔ ۔ ۔ کرس! میں کل رات کہاں تھا؟‘‘اس نے ساتھ والی میز پر بیٹھے لمبے بالوں والے شخص سے پوچھا۔
’’بارہ بجے تک اپنی کرسی پر اور صبح چھ بجے تک بستر میں۔ ۔ ۔ اس کے بعد میں کچھ کہہ نہیں سکتا کہ میں بھی سو گیا تھا۔ ‘‘وہ پھر سے اپنے ساتھ بیٹھی لڑکی سے باتوں میں مصروف ہو گیا۔
’’دیکھا‘‘
میری الجھن بڑھتی جا رہی تھی۔
’’تو آپ مجھے نہیں جانتے ؟‘‘
’’بالکل نہیں ‘‘اب کے اس نے زیادہ سوچے بغیر کہا۔ جیسے پہلے سے ہی اسے میرے سوال کا اندازہ ہو۔
’’ٹھیک ہے ‘‘میں وہاں سے چلی آئی۔
سارا دن میں اسی کے بارے میں سوچتی رہی۔ شام کو جھیل پر بھی نہیں گئی۔ بس بستر میں گھسی رہی۔ سٹیلا نے مجھے باتوں باتوں میں اشارہ دیا کہ اب اس کے بوائے فرینڈ کے آنے کا وقت ہو رہا ہے اس لئے مجھے باہر چلے جانا چاہیے مگر میں بڑی ڈھٹائی سے لیٹی رہی۔ اتنے میں اس کا بوائے فرینڈ آ گیا۔ دونوں نے دروازے پر ہی کھڑے ہو کر تیز تیز آوازوں میں کچھ کہا اور پھر سٹیلا پاؤں پٹختی ہوئی کمرے میں آئی اور اپنا پرس اٹھا کر مجھے گھورتی باہر چلی گئی۔ جب رات گئے وہ کمرے میں واپس آئی تو میں نے شرارت سے پوچھا۔
’’یہ تم ہو سٹیلا؟‘‘
’’بھاڑ میں جاؤ تم‘‘ اس نے بھنا کر کہا اور اپنے بستر میں لیٹ گئی۔
میں بہت دیر تک لیٹی رہی لیکن نیند روٹھے ہوئے بچے کی طرح کمرے کے دروازے سے لگی کھڑی رہی۔ ایسے میں تنگ آ کر میں بستر سے نکل آئی۔ کھڑکی سے باہر دیکھا تو وہی کل والا سیکیورٹی گارڈ نظر آیا۔ وہ کچھ خوفزدہ سا نظر آتا تھا اس لئے گاہے بگاہے گھوم کر پیچھے دیکھ لیتا اور اطراف میں تو وہ بار بار دیکھتا تھا۔ ۔ ۔ میں آج اس پر نہیں ہنسی۔ کم از کم وہ مجھ سے تو بہادر تھا جو اس طرح سڑکوں پر تھا اور ایک میں تھی۔ ۔ ۔ خیر اب بھی بہت دیر کہاں ہوئی تھی۔ ابھی تو صرف دو ہی بجے تھے۔ میں اب بھی جا سکتی تھی۔
’’جھیل ابھی سوئی کہاں ہو گی؟‘‘میں مسکرائی اور اپنا کوٹ پہن کر باہر نکل آئی۔
آج پہلی بار میں اتنی رات گئے سڑک پر تھی۔ آسمان پر ہلکے ہلکے بادل تھے اس لئے روشنی بہت کم تھی۔ جھیل اس وقت بہت سنسان تھی۔ میں پل پر اپنی پسندیدہ جگہ جا کھڑی ہوئی۔ اتنے میں پانیوں میں ہلکا سا ارتعاش ہوا اور میں نے دیکھا کہ وہ ’’چھپ چھپ‘‘ کی موہوم آوازوں کے بیچ میری طرف آ رہا تھا۔ شاید وہ جھیل کے ہی کسی تاریک گوشے میں بیٹھا تھا۔ بس میں ہی اسے دیکھ نہ پائی تھی۔
’’میں بہت دیر سے آپ کا انتظار کر رہا تھا۔ ۔ ۔ جھیل بھی اداس تھی۔ اِسے لگ رہا تھا کہ آپ آج نہیں آؤ گی۔ مگر میں جانتا تھا کہ آپ ضرور آؤ گی۔ ‘‘اس کا لہجہ پراعتماد تھا۔
میرا دل دھڑک رہا تھا۔ کیا پھر سے مجھے چیخیں مارتے ہوئے بھاگ جانا چاہیے ؟ ’’نہیں ‘‘ورنہ آج تو اُس لڑکے کو دل کا دورہ ہی پڑ جائے گا اور پھر کمرے میں جا کر مجھے نیند کہاں آنے والی تھی۔ اس لئے میں وہیں کھڑی رہی۔ وہ لکڑی کے جنگلے کو پکڑ کر اوپر میرے پاس آ گیا۔ میں پھر بھی اپنی جگہ جمی رہی۔ میں نے اس رات اس سے کوئی سوال نہ پوچھا۔ وہ البتہ بہت باتیں کرتا رہا۔ اپنے بارے میں بتاتا رہا۔ بتاتا رہا کہ بادلوں پر چلنے سے پاؤں گیلے ہو جاتے ہیں اور یہ کہ جب رات زیادہ گہری ہوتی ہے تو چھوٹی چھوٹی مچھلیاں بھی سو جاتی ہیں اور پھر باقی رات سوتے میں تیرتی ہیں۔ ہم تمام رات ایسی ہی باتیں کرتے رہے۔ پھر اس نے مجھ سے پوچھا
’’بتاؤ چاند زیادہ دور ہے یا افریقہ؟‘‘
’’ظاہر ہے کہ چاند‘‘ میں نے بنا سوچے کہا۔
’’نہیں۔ ۔ ۔ افریقہ زیادہ دور ہے۔ چاند تو بہت قریب ہے۔ تم اسے روز جھیل میں نہاتے دیکھتی ہو، اس کی روشنی تمام رات تمہارے بالوں پر رینگتی ہے مگر افریقہ۔ ۔ ۔ ایک امریکن لڑکی اپنی زندگی میں اسے کبھی نہ دیکھ پائے گی۔ وہ خوشبو، وہ جنگل، وہ آوازیں۔ ۔ ۔ سب کہانیاں ہیں۔
سب فاصلے سیدھی لکیروں میں تو نہیں ناپے جا سکتے۔ جیسے سو میڑ کی چوٹی سر کرنے کے لئے بیس کلومیڑ کا چکر لگانا پڑتا ہے۔ ۔ ۔ تو فاصلہ بیس کلومیٹر ہو نہ؟جیسے ہر ملک کے گرد ایک نہ نظر آنے والی لکیر کھنچی ہے۔ جو اتنی مبہم ہے کہ ہمارا رکھا ایک غلط قدم ہمیں اس کے پار پہنچا سکتا ہے اور پھر بھی یہ فاصلہ اتنا زیادہ ہے کہ اسے عبور کرنے کے لئے نسلیں بھی کم پڑتی ہیں۔ ۔ ۔ یہ سب فاصلے بڑے relativeہوتے ہیں۔ انہیں صرف امکانات کی صورت میں ہی ناپا جانا چاہیے۔
اور اپنے قریب بکھری چیزوں کو دیکھ لو۔ جیسے سڑک پر چلتا کوئی آدمی۔ ۔ ۔ کیا تم سمجھتی ہو کہ وہ تمہاری دنیا میں رہتا ہے ؟نہیں، ہم سب اپنی اپنی دنیا میں رہتے ہیں۔ صرف کبھی کبھار ہماری دنیاؤں کے بیچ کوئی کھڑکی کھل جاتی ہے اور ہم ایک دوسرے کو دیکھنے لگ جاتے ہیں، آوازیں سننے لگتے ہیں، محسوس کرنے لگتے ہیں۔ تو وہ جسے تم دنیا سمجھتی ہو وہ بس کھڑکیوں کا ایک سلسلہ ہے۔ ۔ ۔ اور کھڑکیوں کا قصہ بھی عجیب ہے۔ ان کے نہ ہونے پر آپ اپنے ہمسائے سے بھی ناآشنا رہتے ہو اور اگر ہوں تو دور پہاڑی کے دامن میں کھیلتے بچے بھی دیکھ سکتے ہو۔ ۔ ۔ ۔ تو چاند کی طرف ہماری کھڑکی کھلتی ہے اور افریقہ کی طرف پتھروں کی دیوار ہے۔ ۔ ۔ تو پھر چاند قریب ہوا نہ؟‘‘
وہ رات بھر ایسی ہی عجیب باتیں کرتا رہا اور میں مسکراتی رہی۔ پھر دور درختوں کی اوٹ سے سورج نے سر نکالا۔ میرا جی بہت ڈرا۔ مجھے لگا جیسے ابھی وہ سورج کی کرنوں میں کہیں کھو جائے گا۔ جیسے وہ چاند، ستاروں سا پتھر دل ہو کہ دن چڑھتے ہی آپ کا ساتھ چھوڑ جائے۔ مگر وہ کہیں نہیں گیا۔ سورج کی روشنی میں اس کا چہرہ ایسے دمکتا تھا کہ اسے دیکھنا مجھ سی ارضی لڑکی کے لئے مشکل ہو رہا تھا۔ پھر میں نے ہی جانے کی اجازت مانگ لی۔ ویسے بھی رات بھر جاگنے سے میرا سر چکرا رہا تھا۔ وہ مجھے چھوڑنے کے لئے ہوسٹل کے گیٹ تک آیا اور پھر ہم نے بڑی محبت سے ایک دوسرے کو الوداع کیا۔ میں نے اپنے کمرے کا دروازہ کھولا تو سٹیلا غصیلی نظروں سے مجھے گھور رہی تھی۔
’’پاگل لڑکی تم کہاں رہ گئی تھی۔ تم ایک منٹ اور نہ آتی تو میں پولیس کو فون کر رہی تھی۔ ‘‘
میں نے کوئی جواب نہ دیا۔ بس مسکرائی اور سیدھی اپنے بستر پر جا گری۔
بیدار ہوئی تو دوپہر کا وقت ہو گیا تھا۔ میں اس دن اپنی کسی کلاس میں نہ جا سکی تھی۔ ایسا پہلی بار ہوا تھا ا ور عجیب بات یہ ہے کہ میرے دل میں افسوس کا شائبہ تک نہ تھا۔ بس ایک خمار کی سی کیفیت تھی جس میں میں تیار ہو کر یونیورسٹی پہنچی اور یونہی بے معنی انداز میں لائبریری، کیفے ٹیریا اور اکیڈمک بلا کسی میں گھومتی رہی۔ شاید میں اسے ڈھونڈ رہی تھی۔ مجھے یقین ہو گیا تھا کہ کل مجھے نہ پہچاننے میں اس کی کوئی شرارت چھپی تھی۔ میں اسے تو نہ ڈھونڈ پائی مگر bowling alleyمیں اس کا دوست کرس نظر آ گیا۔
’’میں تمہارے روم میٹ کو ڈھونڈ رہی ہوں۔ ‘‘
’’کیا میں آپ کو جانتا ہوں؟‘‘اس کے لہجے میں حیرت تھی۔
’’کل کیفے ٹیریا میں آپ کو دیکھا تھا۔ اب پتہ نہیں کہ آپ کو وہ مختصر سی ملاقات یاد ہے یا نہیں؟‘‘میں نے مایوسی سے کہا۔
’’اوہ ہاں۔ ۔ ۔ وہ بس میں آپ کو صحیح طرح سے دیکھ نہ پایا تھا لیکن بعد میں کینی نے بہت ذکر کیا تھا۔ ‘‘اس نے معنی خیز لہجے میں کہا۔
’’کیا کہا تھا اس نے ؟‘‘
’’جانے دیں وہ تو ہے ہی ایسا۔ ۔ ۔ بلا کا حسن پرست۔ وہ ہر لڑکی کو محض ایک ہی پیمانے سے دیکھتا ہے۔ اسے لگا جیسے آپ خوامخواہ اس سے چپکنے کی کوشش کر رہی ہو۔ ‘‘
’’کیا۔ ۔ ۔ اور وہ جو گھنٹوں میرا انتظار کرتا رہا جھیل پر؟‘‘میں بھنا گئی۔
’’کب؟کس جھیل پر؟‘‘
’’کل رات۔ ۔ ۔ ہم صبح تک ساتھ تھے۔ ‘‘
’’پھر تو آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے۔ کیونکہ میں تمام رات کمرے میں تھا اور وہ تو صبح تک سوتا رہا ہے۔ یقین کریں۔ ۔ ۔ میں چیٹ کر رہا تھا اور اس کے خراٹے مجھے ساری رات تنگ کرتے رہے۔ ‘‘ایسا لگ رہا تھا کہ وہ سچ بول رہا ہو۔
’’کیا میں اس سے مل سکتی ہوں؟‘‘
’’وہ تو ویک اینڈ کے لئے شکاگو گیا ہے۔ اب تو سوموار کو ہی مل سکے گا وہ۔ ‘‘
میں سمجھ نہیں پا رہی تھی کہ یہ سب کیا تھا۔ کہیں وہ دونوں مل کر مجھے بیوقوف تو نہیں بنا رہے تھے ؟پر اس ساری الجھن کے باوجود کوئی طاقت تھی جو میری انگلی پکڑ کر شام ہوتے ہی مجھے جھیل پر لے گئی۔ وہ وہاں نہیں تھا۔ شاید کرس سچ ہی کہہ رہا تھا۔ میں کئی گھنٹے وہاں کھڑی رہی۔ پھر ہلکی ہلکی بارش ہونے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے اتنی تیز ہو گئی کہ مجھے ایک قریبی شیڈ کے نیچے پناہ لینی پڑی۔ ایسے میں میں نے اسے دیکھا۔ وہ میری طرف آ رہا تھا۔ ایسی بارش میں وہ بڑی بے نیازی سے چل رہا تھا اور عجیب بات یہ تھی کہ بارش کے قطرے اسے چھو بھی نہیں رہے تھے۔ بس وہ اس کے قریب آ کر غیر محسوس انداز میں اپنا رستہ تبدیل کر لیتے۔ وہ میرے قریب آیا تو میں نے دیکھا کہ اس کے بالوں کے سرے تک نہ بھیگے تھے۔
’’تم کون ہو؟‘‘
’’میں کینی ہو۔ ‘‘
’’تم جھوٹ بول رہے ہو۔ تم کوئی بھوت ہو۔ کینی تو شکاگو میں ہے۔ ‘‘میں نے چلا کر کہا۔
’’تو میں کب کہہ رہا ہوں کہ میں شکاگو میں نہیں ہوں۔ ‘‘اس نے بڑے اعتماد سے کہا۔
’’کیا فضول بات ہے ؟‘‘
’’دیکھو ‘‘وہ بہت سنجیدہ تھا ’’میں تمہارے سامنے ہوں۔ چاہو تو مجھے چھو کر دیکھ لو۔ میں اس سے بڑی کسی حقیقت کو نہیں جانتا۔ ہم کیوں یونہی الجھ رہے ہیں۔ چلو ہوا میں اڑتے ہیں اور ان دور درختوں پر سوئے پرندوں کو ڈراتے ہیں۔ ‘‘اس نے میرا ہاتھ تھام لیا۔ اس کا ہاتھ بہت سرد تھا۔
’’مم مگر۔ ۔ ۔ میں اڑ نہیں سکتی۔ ‘‘میں نے بمشکل کہا۔
اس نے حیرت سے میری طرف دیکھا جیسے میں مذاق کر رہی ہوں۔
’’کون اڑ نہیں سکتا۔ ۔ ۔ اس میں کیا مشکل ہے۔ ‘‘یہ کہتے ہوئے اس نے بازوؤں کو بلند کیا اور ایک چھوٹی سے چھلانگ کے ساتھ وہ فضا میں بلند ہو گیا۔ وہ اب مجھ سے کچھ دور ہوا میں کھڑا تھا اور ہاتھ کے اشارے سے مجھے اپنی طرف بلاتا تھا۔ اس کے چہرے پر اتنا اعتماد تھا کہ مجھے لگا جیسے میں بھی اڑ سکتی ہوں۔ میں نے دونوں ہاتھوں کو پھیلا لیا، آنکھیں بند کر لیں اور پوری قوت سے چھلانگ لگا دی۔ میرا جسم ایک لمحے کو ہوا میں بلند ہوا اور پھر میں زمین سے آ ٹکرائی۔ میرا چہرہ اور ہتھیلیاں زخمی ہو چکی تھیں اور آنکھوں میں بڑے بڑے آنسو تھے۔ وہ اب واپس زمین پر اتر آیا تھا اور بڑی حیرت اور افسوس سے مجھے دیکھتا تھا۔
’’تم پریشان مت ہو۔ میں تو زمین پر چل سکتا ہوں نہ۔ ‘‘اس نے مجھے تسلی دینے کی کوشش کی۔ وہ میرے قریب آ گیا اور اس نے میرا ہاتھ تھامنا چاہا مگر میں اسے جھٹک کر تیز تیز چلتی اپنے کمرے میں چلی گئی۔ میں سوئی نہیں بس کھڑکی کے سامنے بیٹھ گئی۔ وہ اب بھی کھڑکی سے باہر کھڑا میرے کمرے کی طرف دیکھتا تھا۔ ہم تمام رات یونہی ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔ پھر دن نکلا۔ اس کے پاس سے اکا دکا لوگ گذرنے لگے۔ وہ اب بھی ویسے ہی خاموش کھڑا تھا۔ ایسے میں مجھے دور سے اخبار کا تیز رفتار ٹرک آتا دکھائی دیا۔ میں نے اسے ہاتھ کے اشارے سے خبردار کرنے کی کوشش کی مگر اتنا وقت نہیں تھا۔ وہ ٹرک اس سے ٹکرا گیا اور دہشت سے چیختے ہوئے میں نے اپنی آنکھیں بند کر لیں۔ سٹیلا اٹھ کھڑی ہوئی اور اس نے مجھے اپنی بانہوں میں لے کر تسلیاں دینی شروع کر دیں۔ شاید وہ سمجھی تھی کہ میں نے کوئی ڈراؤنا خواب دیکھا تھا۔
اور میں۔ ۔ ۔ میں آنکھیں نہیں کھولنا چاہ رہی تھی۔ جانتی تھی کہ سڑک پر ایک زخمی جسم پڑا ہو گا۔
’’کیا ایسا ممکن ہے کہ میں تمام عمر اپنی آنکھوں کو بند رکھ سکوں؟‘‘پر ایسا ممکن کہاں تھا۔ میں نے آنکھیں کھولیں اور وہ اب بھی وہیں کھڑا تھا جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔ جیسے ٹرک اسے چھوئے بنا گذر گیا ہو۔ میں نے پلٹ کر سٹیلا کی طرف دیکھا۔
’’سٹیلا کیا تمہیں وہ لڑکا نظر آ رہا ہے ؟‘‘
’’کونسا؟‘‘
’’وہی جو سڑک کے بیچ میں کھڑا ہے۔ ‘‘
’’پر وہاں تو کوئی نہیں ہے۔ ‘‘اس نے فکر مندی سے کہا اور مجھے تھام کر بستر پر لٹا دیا۔
’’راتوں کو جاگ جاگ کر تم نے اپنی یہ حالت بنا لی ہے۔ اب میں تمہیں کبھی رات کو باہر نہیں جانے دوں گی۔ ‘‘اس نے مجھے نیند کی دو گولیاں دیں۔ میں پھر بھی سو نہیں پا رہی تھی۔ کئی گھنٹے بس یونہی لیٹی رہی اور پھر تنگ آ کر اٹھ کھڑی ہوئی۔ کھڑکی سے دیکھا تو سڑک پر بڑی گہما گہمی نظر آئی مگر وہ کہیں نہیں تھا۔ میں پھر سے بستر پر گر گئی۔ پتہ نہیں میں کتنی دیر سوئی رہی۔ اٹھی تو سٹیلا میرے قریب کرسی پر بیٹھ کر کتاب پڑھ رہی تھی۔
’’شکر ہے کہ تم اٹھی تو۔ ۔ ۔ میں تو ڈر رہی تھی۔ اب جلدی کرو اور کچھ کھا لو۔ ابھی میں نے چائینیز منگوایا ہے۔ ‘‘
’’جی نہیں چاہ رہا۔ ‘‘
’’پھر بھی کھا لو۔ میں ابھی گرم کر کر لاتی ہوں۔ تم فریش ہو جاؤ۔ ‘‘
میں باتھ روم میں جا کر بڑی دیر تک منہ پر پانی کے چھینٹے مارتی رہی۔ باہر آ کر تھوڑا سا کھایا، سٹیلا سے تھوڑی سی باتیں کیں اور پھر سو گئی۔ صبح اٹھی تو مجھے ہلکا ہلکا بخار ہو رہا تھا۔ سٹیلا کالج جا چکی تھی۔ میں کمرے سے باہر نہ نکلی۔
یہ کوئی دوپہر کا وقت ہو گا جب دروازے پر دستک ہوئی۔ میں نے اٹھ کر دروازہ کھولا تو سامنے وہ کھڑا تھا۔
’’کیا میں اندر آ سکتا ہوں؟‘‘
’’تم یہاں کیوں آئے ہو؟‘‘میں نے شکایتی انداز میں کہا ’’یہ دیکھنے کے لئے کہ میں اڑ سکتی ہوں یا نہیں۔ ‘‘
’’جی؟‘‘ایسا لگا جیسے وہ میری بات سمجھ نہ سکا ہو۔ خیر میں نے اسے اندر آنے کا راستہ دیا اور وہ کرسی گھسیٹ کر میرے بستر کے قریب ہی بیٹھ گیا۔
’’اس دن آپ کیفے ٹیریا میں میرے پاس آئی تھیں اور میں آپ کی باتیں سمجھ نہ پایا تھا۔ ‘‘
’’ہونہہ۔ ۔ ۔ تو یہ کینی تھا۔ تو پھر وہ کون تھا جسے میں جھیل پر ملتی رہی۔ ‘‘میں سوچنے لگی۔
’’لیکن اب میں الجھ گیا ہوں۔ ۔ ۔ ایسا کرتا ہوں کہ میں آپ کو سب کچھ تفصیل سے بتا دیتا ہوں اور آپ خود ہی فیصلہ کر لینا کہ اس سب کا کیا مطلب ہے ؟‘‘
’’اچھا‘‘
’’میں کچھ دنوں سے ایک عجیب خواب دیکھ رہا ہوں۔ خواب میں میں کالج کی جھیل پر چلتا ہوں اور پھر دور پل پر کھڑی ایک لڑکی کو دیکھتا ہوں۔ لمبا سا کالا کوٹ پہنے وہ لڑکی اتنی خوبصورت ہے کہ میں نے اس زندگی میں کوئی اس سا نہیں دیکھا۔ اسے دیکھ کر مجھے لگتا ہے جیسے چاندنی مجسم ہو گئی ہو۔ اور عجیب بات یہ ہے کہ میں اس سمے جانتا ہوں کہ وہ لڑکی آپ ہو۔ ۔ ۔ ہے نہ عجیب بات۔ ایک ہی وقت میں وہ آپ ہو۔ ۔ ۔ ایک عام سی لڑکی اور اسی لمحے میں وہ ماورائی حسن۔ ۔ ۔ پر خوابوں میں تو سب چلتا ہے نہ۔ ہم ہوا میں اڑ سکتے ہیں۔ پل بھر میں کہیں بھی جا سکتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو پھر ہم باتیں کرتے ہیں۔ بہت ساری باتیں۔ اور پھر آپ ناراض ہو جاتی ہو اور اس کمرے میں آ جاتی ہو اور میں گھنٹوں اس کھڑکی کے باہر کھڑا آپ کا انتظار کرتا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ایک بہت بڑا انتظار جو اس کھڑکی سے اس جھیل تک پھیلا ہوا ہوتا ہے۔ مجھے اس خواب کی ایک ایک بات یاد ہے۔ دیکھیے نہ میں کس آسانی سے آپ کے کمرے تک پہنچ گیا ہوں۔ ‘‘
’’پر آپ یہ سب مجھے کیوں بتا رہے ہو؟‘‘میرے دلو دماغ میں آندھیاں سی چل رہی تھیں مگر میں نے بڑی کوشش سے خود کو سنبھالا ہوا تھا۔
’’شاید میں پوچھنا چاہ رہا تھا کہ کیا آپ نے بھی کوئی ایسا خواب دیکھا ہے ؟‘‘اس نے استفسار کیا۔
’’خواب۔ ۔ ۔ ہاں شاید آپ صحیح کہہ رہے ہو۔ میں نے بھی ایسا ہی ایک خواب دیکھا تھا۔ میں نے آپ کو پانی پر چلتے اور ہوا میں اڑتے دیکھا تھا۔ ایک خواب جس میں میں بہت خوبصورت ہو جاتی ہوں۔ ۔ ۔ اتنی کہ کوئی بھی میری محبت میں گرفتار ہو سکتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ہاں میں نے بھی یہ خواب دیکھا تھا۔ ‘‘میں نے کھوئے کھوئے لہجے میں کہا۔
’’پر یہ کیسے ممکن ہے۔ ہم دونوں ایک ہی خواب کیسے دیکھ سکتے ہیں؟‘‘
’’ہاں عجیب بات ہے پر میں کیا کہ سکتی ہوں۔ ‘‘اب میں اسے کیسے بتاتی کہ میں نے کوئی خواب نہیں دیکھا تھا۔ میں تو ان راتوں میں سوئی بھی نہیں تھی۔ میں نے تو اس سرد جسم کو چھوکر دیکھا تھا، اس سے باتیں کی تھیں، ہوا میں اڑنے کی کوشش میں میرے چہرے سے جو خون نکلا تھا وہ بالکل اصل تھا۔ پر وہ کہاں یقین کرتا ان باتوں پر۔
اس نے سر ہلا دیا ’’آپ صحیح کہتی ہو۔ ‘‘پھر وہ اٹھا اور دروازے پر پہنچ کر بولا
’’کرس کہتا ہے کہ خواب کوئی اشارہ ہوتے ہیں۔ شاید ہمیں ملانے کا کوئی بہانہ۔ پر آپ وہ لڑکی تو نہیں جو خواب میں تھی۔ وہ بڑی بڑی آنکھوں، ریشمی سنہری بالوں اور وینس سے جسم والی لڑکی۔ ۔ ۔ تو پھر میں بھلا آپ سے کیسے۔ ۔ ۔ آپ سمجھ رہی ہو نہ۔ ‘‘
’’بہت اچھی طرح۔ ۔ ۔ میں جانتی ہوں کہ میں وہ لڑکی نہیں ہوں۔ ‘‘میں نے متانت سے کہا جیسے یہ کوئی بڑی بات ہی نہ ہو۔ اس کے بعد وہ کچھ نہیں بولا اور کمرے سے نکل گیا۔
مجھے اس سارے قصے پر ہنسی آ رہی تھی اور بہت زیادہ رونا بھی۔ ’’مجھ جیسی لڑکی سے کوئی بس خواب میں ہی محبت کر سکتا ہے (اور یہ بھی کوئی چھوٹی بات تو نہیں ہے نہ)۔ وہ رات بھر مجھ سے محبت کرے گا اور آنکھ کھلنے پر سوچے گا کہ وہ کیا missکر رہا ہے ؟اور وہ کبھی نہ جان پائے گا۔ ۔ ۔ اور خواب نگر کا وہ شہزادہ۔ ۔ ۔ وہ جیسا بھی مخلص ہو پر وہ کبھی حقیقت کی دنیا میں نہ آ پائے گا۔ ایک وقت آئے گا جب خواب دیکھنے والا بیدار ہو جائے گا اور خواب کے سب کرداروں کو اپنے وعدے توڑ دینا ہوں گے۔ جیسے مرنے والا سارے بندھن، سارے قرضوں، ساری محبتوں سے آزاد ہو جاتا ہے۔ کسے خبر کہ میں بھی کسی خواب کا حصہ ہوں مگر میں اس خواب میں کبھی نہ جا پاؤں گی۔ ‘‘
شام ہوئی پھر رات گہری ہونے لگی۔ اتنی گہری کہ مجھے یقین ہو گیا کہ اب کوئی ذی روح بیدار نہیں رہ سکتا۔ اتنی گہری رات کہ میں کھڑکی سے باہر دیکھے بنا جان سکتی تھی کہ وہاں کون کھڑا ہو گا۔ وہ اب بڑی حسرت، بڑی امید سے میری کھڑکی کو دیکھتا ہو گا۔ مگر میں اب کبھی راتوں کو بیدار نہیں رہوں گی۔ اور دن میں بھلا وہ کیونکر مجھے ڈھونڈ پائے گا۔
تو میں اپنے بستر میں سرِ شام ہی دبک جاتی ہوں اور تمام رات نیند آور گولیوں کے ذیرِ اثر ہوتی ہوں۔ میری کھڑکی سے باہر ایک بے چین سایہ رات بھر لرزتا ہے اور صبح ہونے پر وہ کہیں واپس چلا جاتا ہے۔ میں اس نئی زندگی میں بہت زیادہ ناخوش نہیں ہوں پر کبھی کبھی سوچتی ہوں کہ کتنا اچھا ہوتا کہ اگر ایک خواب کو بھی زندگی مل سکتی۔
کچھ خواہشیں ہمیں نہیں کرنی چاہیں۔ میں ان خواہشوں کی بات کر رہی ہوں جن کے بارے میں ہمیں یقین ہوتا ہے کہ وہ بہت ناممکن ہیں۔ مگر ہم پھر بھی اپنی آنکھوں میں ان کی آس سجائے پھرتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ ہم ان کی قبولیت کی کچھ امید رکھتے ہیں۔ ۔ ۔ نہیں، ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ ناممکن ہیں۔ مگر ہم پھر بھی بڑی ڈھٹائی سے ان سے چمٹ جاتے ہیں۔ شاید خدا پر حجت قائم کرنے کی غرض سے۔ اور کوئی خدا کے ساتھ ایسا کھیل نہیں کھیل سکتا۔ ۔ ۔ تنہائی میں مانگی یہ دعائیں قبول ہو جاتی ہیں اور کچھ اس طرح کہ آپ کو اپنے آپ سے نفرت ہونے لگتی ہے۔
میں اس دن تیز تیز چلتی ہوئی اپنی کلاس میں جا رہی تھی کہ میں نے اسے جھیل پر کھڑے دیکھا۔ اس کے لبوں پر وہی ماورائی سی مسکراہٹ تھی۔ میں نے حیرانی سے ادھر ادھر دیکھا۔ میرے اردگرد بیسیوں لوگ تھے مگر کوئی بھی اسے دیکھ نہ پا رہا تھا۔ سب بس اپنے اپنے راستوں پر چلے جا رہے تھے اور ایک میں تھی جس کے قدم زمین سے ایسی مضبوطی سے جڑ گئے تھے جیسے خوفزدہ بچہ باپ کے پہلو سے چمٹ جاتا ہے۔
’’تم یہاں کیسے ؟‘‘
’’تم میری دنیا میں نہیں آ رہی تھی سو مجھے تمہاری دنیا میں آنا پڑا۔ ۔ ۔ مجھے اپنے شہر کی سیر نہیں کراؤ گی؟‘‘اس کا لہجہ خوشگوار تھا۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ میرے فرار کی ساری منطق جانتا ہو اور اسے مجھ پر کوئی غصہ نہ ہو۔ بس جیسے میری کم فہمی پر دل ہی دل میں ہنستا ہو۔ کچھ ایسا کہ اس کے دل میں میری محبت کچھ اور بڑھ گئی ہو۔ پھر وہ میرے قریب آ گیا اور اپنے سرد ہاتھوں سے اس نے میرے چہرے کو چھوا۔
اس دن ہم ساتھ رہے۔ سارا دن گھومتے رہے۔ وہ مجھ سے ایسی باتیں پوچھتا رہا جن کا میرے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ وہ مجھے ایسی باتیں بتاتا رہا جنہیں میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ میں بیٹھی اسے دیکھتی رہی اور ہنستی رہی۔ آج جیسے دل سے کوئی بھاری بوجھ ہٹ گیا تھا۔ پھر کئی گھنٹوں کے بعد میں نے اس سے رخصت چاہی۔ کل ملنے کا وعدہ ہوا اور میں واپس چل پڑی۔ ایسے میں میری نظر کرس پر پڑی۔
’’ہے کرس۔ ۔ ۔ کیسے ہو؟‘‘
’’میں ٹھیک ہوں مگر۔ ۔ ۔ کینی۔ ۔ ۔ وہ ٹھیک نہیں ہے۔ ‘‘
’’کیوں۔ ۔ ۔ کیا ہوا اسے ؟‘‘
’’اس کا نروس بریک ڈاؤن ہو گیا ہے۔ coma میں ہے۔ ڈاکٹر کہتے ہیں شاید وہ اب کبھی ہوش میں نہ آ سکے۔ ‘‘
میں بت سی بن گئی اور وہ بتاتا رہا۔
’’کچھ دنوں سے وہ بہت پریشان تھا۔ راتوں کو سوتے ہوئے تمہیں پکارتا رہتا تھا اور اسی حالت میں ایک رات وہ comaمیں چلا گیا۔ وہ اب شکاگو کے ہاسپٹل میں ہے۔ ‘‘
کرس تو چلا گیا مگر میں اب شکاگو کے ہاسپٹل میں سفید بستر پر لیٹے اسے دیکھ سکتی تھی۔ اس کمرے میں دو بوڑھے میاں بیوی سر جھکائے ، اداس بیٹھے تھے جن کا بیٹا اتنی گہری نیند سو رہا تھا کہ اسے اٹھانا اب ممکن نہیں تھا۔ ۔ ۔ اور یہ سب بس اس لئے کہ ایک لڑکی نے محبت کی آرزو کی تھی۔
’’کیا میری محبت اتنی ہنستی مسکرائی زندگیوں سے اہم ہے ؟کیا مجھ سی معمولی لڑکی اتنی بڑی قربانی دے پائے گی؟‘‘میں واپس اپنے کمرے میں نہ جا سکی اور جھیل پر چلی گئی۔ وہ وہیں تھا۔ مجھے دیکھ کر کھلکھلا اٹھا۔ وہ اسے سمے اتنا خوش لگ رہا تھا کہ مجھے لگا کہ اسے اداس کرنے سے پہلے مجھے مر جانا چاہیے۔ پر مجھے یہ کرنا ہی تھا۔
’’مجھے معلوم ہے کہ تم رات کو آنے والی تھی مگر میں نے سوچا کہ یہیں انتظار کر لیا جائے۔ ۔ ۔ پتہ ہے کہ اگر تم یہاں نہ بھی ہو تو بھی میں تمہیں اس پل پر کھڑے دیکھ سکتا ہوں۔ ‘‘
’’تم میرا انتظار کیوں کرتے ہو؟‘‘میں نے سرد لہجے میں کہا۔
’’پتہ نہیں۔ ۔ ۔ وہ کیا کہتے ہیں؟پہلی نظر کی محبت۔ کچھ ایسا ہی قصہ ہے۔ مگر تم کیوں پوچھتی ہو؟‘‘وہ تھوڑا حیران تھا۔
’’کیونکہ میں تم سے پیار نہیں کرتی۔ تم ہو کیا چیز؟بس ایک خواب اور وہ بھی کسی دوسرے کا۔ آخر تم مجھے دے ہی کیا سکتے ہو؟‘‘میں بڑی سنگدلی سے اسے ایسے زخم لگا رہی تھی جنہیں وقت بھی بھر نہ پاتا۔ ایسے زخم جن کے بعد اسے اپنی زندگی سے نفرت ہونے لگتی۔
’’پتہ نہیں مگر مجھے تم سے محبت ہے۔ ‘‘وہ گڑبڑا گیا۔
’’تو یہ جان لو کہ ایک لڑکی کبھی محبت نہیں کرتی۔ وہ تو بس ان رشتوں کو مضبوط بنا رہی ہوتی ہے جو اسے چاہیے ہوتے ہیں۔ اور مجھے تمہاری ضرورت نہیں ہے۔ ۔ ۔ کبھی نہیں پڑے گی۔ مجھے بس چند قہقہے چاہیے تھے جو مجھے مل گئے اور ان کے لئے میں تمہاری شکر گذار بھی ہوں مگر اس سے زیادہ۔ ۔ ۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں۔ ‘‘
’’پر۔ ۔ ۔ ‘‘اس نے کچھ کہنا چاہا۔
’’پر کچھ نہیں۔ میں اب تم سے نہیں ملوں گی۔ ‘‘
میں یہ کہ کر وہاں سے چلی آئی۔ میں جانتی تھی کہ اسے یقین نہیں آئے گا۔ میں جانتی تھی کہ وہ کئی دن میری کھڑکی کے باہر منڈلاتا رہے گا۔ میں جانتی تھی کہ وہ ایسی آواز میں روئے گا کہ میرا دل پھٹ جائے گا۔ ۔ ۔ پر یہ بھی جانتی تھی کہ پھر ایک دن بہت بڑا یقین کسی گہرے خوف کی طرح اس کے دل میں در آئے گا اور ایسے میں اسے اپنے گھر میں سمٹنا ہو گا۔
چند ہفتوں کے بعد میں نے لائبریری سے نکلتے ہوئے کرس کو دیکھا۔ مجھے دیکھتے ہی وہ بھاگتا ہوا میرے قریب آ گیا۔ اس نے مجھے بتایا ’’کینی کو ہوش آ گیا ہے۔ وہ صرف تمہارا پوچھتا ہے۔ کیا تم شکاگو جا سکو گی؟‘‘
’’نہیں۔ ۔ ۔ میں یونیورسٹی چھوڑ رہی ہوں۔ مجھے ایک سوشل پراجیکٹ کے لئے افریقہ جانا ہے۔ ‘‘
’’اور تمہاری پڑھائی؟‘‘اس نے پوچھا۔
’’وہ کبھی بعد میں مکمل ہو جائے گی۔ تم کینی کو میری طرف سے صحت یابی کی مبارکباد ضرور دینا۔ ‘‘
اور پھر میں افریقہ چلی گئی۔ جب میرا جہاز ائر پورٹ پر اترا تو وہاں رات ہو چکی تھی۔ آسمان پر چاند چمک رہا تھا۔ وہ ہمیشہ کی طرح اتنا ہی روشن اور قریب تھا جتنا کبھی جھیل سے نظر آ تا تھا۔ افریقہ واقعی چاند سے نزدیک تھا۔ ۔ ۔ کچھ چیزیں بہت دور ہو کر بھی قریب ہوتی ہیں اور کچھ آنکھوں کے سامنے ہونے کے باوجود بس ایک سراب۔ آپ کو لگتا ہے کہ وہ آپ کے قریب ہیں مگر آپ انہیں کبھی انہیں حاصل نہیں کر سکتے۔ ۔ ۔ میں اب نہیں جانتی کہ کیا حقیقی ہے اور کیا نہیں مگر اتنا ضرور جان گئی ہوں کہ انسان کیا حاصل کر سکتا ہے اور کیا نہیں۔

٭ ٭ ٭

غریب ملک کا دیوتا

وہ پتھروں سے بنا ایک معمولی سا گھر تھا اور ایسے گھر تو اس پہاڑ میں بہت دور تک پھیلے ہوئے تھے۔ گھر کے سامنے ہموار زمین کے چھوٹے چھوٹے قطعات تھے جن میں آلو اور مٹر وغیرہ کاشت ہوتے تھے۔ مکان کے پہلو میں ایک باڑا تھا جس میں درجنوں بکریاں تھیں جنہیں اس کا بھائی ہر صبح پہاڑوں پر لے جاتا تھا۔ مکان کی چھت لکڑی سے بنی تھی اور ایک کونے سے دھواں ایک لکیر کی صورت نکلتا تھا۔ تو یہ ہر لحاظ سے ایک عام سا گھر تھا۔ سورج جب اتنا اونچا ہو گیا کہ سامنے والا بلند پہاڑ بھی اسے ڈھانپنے میں ناکام ہوتا جا رہا تھا تو ایک لڑکا اس گھر کی دہلیز پر آ کھڑا ہوا۔ وہ اس علاقے کے دوسرے لڑکوں کی طرح گوری رنگت اور مضبوط جسم والا تھا۔ اس کے کاندھے پر ایک نیا کلہاڑا ٹکا تھا اور چہرے پہ بہت بڑی اداسی چلتی تھی۔
اس گھر سے پتھروں کے بنے دو راستے نکلتے تھے۔ دونوں ایک سے ناہموار اور خم کھاتے ہوئے تھے مگر دونوں میں بہت فرق تھا۔ ایک راستہ شہر کی طرف جا رہا تھا۔ ۔ ۔ شہر جس میں سکول تھا، دوست تھے ، کبابوں کی خوشبو سے رچے بازار تھے۔ وہ رستہ جس پر وہ آج تک چلتا رہا تھا۔ رستہ جو اب اس کی آنکھوں پر ایسے نقش ہو چکا تھا کہ وہ اپنی آنکھیں بند کر کر بھی شہر پہنچ سکتا تھا۔
اور دوسرا راستہ۔ ۔ ۔ وہ پہاڑ کی پہنائیوں میں جاتا تھا۔ پہاڑ کی پہنائیاں جہاں تنہائی تھی، درخت تھے ، دریا تھااور بکریاں تھیں۔ وہ ہمیشہ سوچتا تھا کہ وہ کبھی اس دوسرے راستے پر نہ چلے گا۔ پتہ نہیں وہ ایسے کیوں سوچتا تھا؟ آخر اس کا باپ، اس کا بھائی، سب رشتہ دار اسی راستے پر جاتے تھے۔ اسی راستے پر اس کا دادا پاؤں پھسل جانے پر نیچے وادی میں جا گرا تھا، اسی راستے پر اس کا بابا اس کی ماں سے پہلی بار ملا تھا۔ ۔ ۔ اس راستے سے اس کے رشتے خون، روایات اور محبتوں سے گندھے تھے۔ ایسے میں فرار کیسا؟پر وہ مختلف تھا۔ وہ پڑھنا چاہتا تھا اور ان لایعنی اونچائیوں سے کہیں دور چلا جانا چاہتا تھا۔ ایک ایسی دنیا جو سپاٹ ہو۔ جہاں محض چلنے کے لئے کوئی ماورائے انسانی قوت درکار نہ ہو۔ کوئی چھوٹا سا گھر جو سرما کے چھ مہینوں میں برف سے ڈھک نہ جائے۔ جہاں زندگی بس بڑے سکون سے بہتی رہے اور یہاں۔ ۔ ۔ یہاں تو دریا بھی منجمد ہو جاتے ہیں۔
لیکن یہ اس وقت کی بات ہے جب وہ خواب دیکھ سکتا تھا۔ دریا کنارے پھیلے خوش رنگ سنگریزوں سے بڑے بڑے محل تعمیر کر سکتا تھا۔ مگر اب تو اس کے پاس ایک کلہاڑا تھا اور اسے شام کو لکڑیوں کے ایک بڑے گٹھے کے ساتھ گھر واپس آنا تھا۔ پھر اتنے تھکے جسم کے ساتھ کوئی خواب دیکھے تو کس طرح؟وہ جانتا تھا کہ اگر آج وہ اس راستے پر چلا تو پھر واپسی کبھی نہیں ہو گی۔ راولپنڈی کے کسی چھوٹے سے محلے کا کواٹر، کسی دفتر میں پرسکون نوکری۔ ۔ ۔ یہ سب خواب بن جائیں گے۔ وہ یہ سب جانتا تھا مگر جاننے کا مطلب یہ تو نہیں ہوتا کہ آپ با اختیار بھی ہو۔ اسے اپنے باپ کے لہجے کی غراہٹ یاد تھی، ماں کے بیمار چہرے کی تمتماہٹ اس کی آنکھوں کے سامنے پھر رہی تھی۔ ایسے میں وہ بھلا انکار کیسے کر سکتا تھا؟
کام کرتے ہوئے دوپہر ہو چکی تھی۔ اس کا جسم اب تھک چکا تھا مگر وہ اس پہلے دن بہت کام کرنا چاہتا تھا۔ جیسے اس میں کوئی جناتی قوت آ گئی ہو اور وہ دونوں ہاتھوں سے کلہاڑے چلاتا سارے جنگل کو کاٹ ڈالے گا۔ جب جنگل نہیں رہے گا تو اسے کل یہاں آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ۔ ۔ لیکن فطرت ہم انسانوں کی خواہشات اور عزائم سے سفاکی کی حد تک بے پروا ہوتی ہے۔ وہ صبح سے مسلسل کلہاڑا چلا رہا تھا اور جنگل اب بھی ویسے ہی کھڑا تھا۔ اب تو اس کے ہاتھوں سے خون بھی رسنے لگا تھا لیکن وہ تھما نہیں اور برابر ضربیں لگاتا رہا۔ پھر ایک زوردار چوٹ کے ساتھ کلہاڑا اس کے ہاتھوں سے نکل گیا اور نیچے بہتے تند دریا میں جا گرا۔
وہ گھبرا گیا۔ یہ نیا کلہاڑا تھا۔ اسے نہیں معلوم تھا کہ وہ لوگ ایک نیا کلہاڑا خرید بھی سکتے تھے یا نہیں؟اور پھر پہلے ہی دن ہونے والے اس حادثے کو کون سمجھے گا؟سب تو اسے کام سے بچنے کا بہانہ ہی سمجھیں گے۔ کچھ غصے ، کچھ بیچارگی میں اس پر ٹوٹ پڑیں گے۔ وہ وہیں دریا کنارے کھڑا رونے لگا۔ ایسے میں سکول میں پڑھی لکڑہارے کی کہانی اس کے ذہن میں گردش کرنے لگی
’’کیا خبر اس دریا کا دیوتا میری مدد کو نکل آئے ؟کیا خبر کہانیاں سچ ہو سکتی ہوں؟‘‘وہ رو رہا تھا اور کن اکھیوں سے دریا کی طرف بھی دیکھتا جاتا تھا۔
ایسے میں پانی کی سطح پر ہلچل پیدا ہوئی اور بوسیدہ سی دھوتی بنیان میں ملبوس ایک کمزور سا آدمی باہر نکلا۔ اس کے بال بکھرے تھے ، داڑھی بڑھی تھی اور آنکھوں پر موٹے شیشوں کی عینک تھی۔ وہ رونا دھونا بھول کر حیرت سے اسے دیکھنے لگا۔ وہ یقیناً کوئی انسان نہیں ہو سکتا تھا ورنہ کیسے اس یخ بستہ اور تند دریا میں کھڑا ہوتا؟
’’کیوں رو رہے تھے خوامخواہ؟میری نیند خراب کر دی تم نے۔ ‘‘اس نے باریک سی آواز اور قدرے بیزار لہجے میں کہا۔
’’آپ کون ہو؟ ‘‘لڑکے نے پوچھا۔
’’بیکار سوال ہے۔ ۔ ۔ تم دیکھ ہی سکتے ہو کہ میں اس بڈھے دریا کا دیوتا ہوں۔ لگتا ہے کہ تمہاری بھی کوئی چیز گم ہو گئی ہے ؟‘‘اس نے کہا اور ایسا کہتے ہوئے اس کی آنکھوں میں عجیب سی چمک ابھر آئی تھی۔
’’ہاں ! ایک کلہاڑا ہے۔ بالکل نیا۔ ۔ ۔ یہاں گر گیا ہے۔ ‘‘اس نے پانی میں اشارہ کرتے ہوئے کہا’’کیا تم اسے نکال سکتے ہو؟‘‘
’’کوشش کرتا ہوں مگر تم لوگ بہت لاپروا ہوتے جا رہے ہو۔ ‘‘
’’میں وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ کبھی ایسا نہ ہو گا۔ ۔ ۔ ہاں میں وعدہ کرتا ہوں ‘‘۔ وہ پکارتا رہا مگر بڈھا پانی کے اندر جا چکا تھا۔
’’عجیب دیوتا تھا مگر ایک غریب ملک کے چھوٹے سے دریا کا دیوتا بھلا اور کیسا ہو گا؟ مگر خدا کرے لائے وہ سونے کا کلہاڑا ہی۔ ۔ ۔ پھر مجھے دوبارہ کبھی جنگل میں آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ بس صاحب لوگوں کی طرح کبھی کبھار سیزن میں سیر کو آیا کروں گا اور یہاں کے سب لونڈے میرے آگے پیچھے گھوما کریں گے۔ ‘‘وہ سوچ رہا تھا کہ ایسے میں پانی کی سطح پر ہلچل ہوئی۔
وہی منحنی سا دیوتا ہاتھ میں کچھ پکڑے باہر آیا۔ وہ چیز کلہاڑا تو ہرگز نہ تھی۔ دیوتا نے عینک کے شیشے صاف کر کے بغور اسے دیکھا اور نسبتاً بلند آواز میں بولا
’’ارے کم بخت یہ تو کچھوا نکل آیا۔ کیا کروں کہ پانی اتنا گدلا ہے اور پھر نظر بھی وہ پہلے سی کہاں رہ گئی ہے۔ ۔ ۔ مگر میں پھر جاتا ہوں۔ ‘‘
اس کے خوابوں کا محل چکنا چور ہو گیا تھا مگر ابھی بھی چاندی کے کلہاڑے کی امید تو اسے تھی ہی۔ اب کی بار محض ایک جوتا نکلا۔ اور وہ سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اپنے کلہاڑے کے بارے میں سوچنے لگا۔
’’میں اب کبھی ناشکری نہیں کروں گا۔ سارا دن لکڑیاں کاٹوں گا اور رات کو دیے کی روشنی میں پڑھوں گا۔ ۔ ۔ اے خدا بس مجھے ایک موقع اور دے دے۔ ‘‘دعا مانگتے ہوئے اس کے آنسو نکل آئے تھے۔ ایسے میں دیوتا پھر ابھرا۔ اس نے کلہاڑے کا دستہ اس کے ہاتھ میں تھما دیا۔ پھل شاید کہیں اندر ہی گر گیا تھا۔
’’میں اس کے علاوہ کچھ نہیں ڈھونڈ پایا۔ اب میں تھک گیا ہوں اس لئے آرام کو جاتا ہوں۔ برائے کرم اب اگر رونا ہو تو کسی دوسری جگہ جا کر رونا۔ ‘‘دیوتا یہ کہ کر دوبارہ ڈبکی لگا گیا اور وہ کلہاڑے کا دستہ لئے خاموشی سے گھر کو روانہ ہو گیا۔
یہ اسی شام کی بات ہے جب وہ حکیم صاحب سے زخموں کے لئے مرہم خریدنے نکلا۔ اس نے پرانی چادر میں لپٹے ایک شخص کو بڑے مشکوک انداز میں بازار میں جاتے دیکھا۔ تجسس سے مجبور ہو کر وہ اس کے پیچھے چل پڑا۔ وہ آدمی کباڑیے کی دکان پر جا کر رکا اور ادھر ادھر دیکھ کر اپنی چادر سے کوئی چیز نکالنے لگا۔ ایسے میں اس کی نظر اس لڑکے پر پڑی تو وہ گھبرا گیا۔ اس نے فوراً اپنے ہاتھ کو واپس کھینچ لیا اور وہاں سے چل پڑا۔ لڑکا بھاگ کر اس کے قریب گیا اور اس کی چادر کھینچ لی۔ اس کے سامنے دھوتی بنیان میں ملبوس ایک منحنی سا شخص کھڑا تھا جس کی بغل میں دبا کلہاڑے کا پھل اسے صاف نظر آ رہا تھا۔ ایک غریب ملک کے مفلس دیوتا کی سفید پوشی کا بھرم کھل چکا تھا۔
٭٭٭

ہوا میں ٹھہری ہوئی موت

ہم ایک چھوٹی سی پہاڑی پر دبکے تھے۔ تھوڑے تھوڑے وقفے سے ہم میں سے کوئی سر اٹھاتا اور سامنے اندھیرے میں کچھ گولیاں داغ دیتا۔ جواب میں اندھیرے سے موہوم سے شرارے ابھرتے اور دھماکوں کی گونج میں گولیاں ہمارے سروں پر سے گذرتی چلی جاتیں اور یہ صرف اندھیرے پر موقوف نہیں تھا۔ دن میں بھی میرے سامنے بس ایک چھوٹی سی پہاڑی رہتی۔ ۔ ۔ پہاڑی جس پر کبھی کبھار کسی ہیلمٹ کی جھلک دکھائی دیتی۔ پہاڑی جو ہم پر کمال پھرتی سے گولیاں برساتی رہتی۔
اور یہ کھیل بہت دیر سے کھیلا جا رہا تھا۔ اتنی دیر سے کہ میں اب ہر خوف، ہر تجسس سے آزاد ہو چکا تھا۔ مجھے اب اپنی بے خواب آنکھوں کو کھولنے کے لئے کوئی کوشش نہیں کرنا پڑتی تھی، کبھی ہیلمٹ سے رگڑ کھا کر کوئی گولی گذر جاتی تو میں سجدے میں نہیں گر جاتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پر ہمیشہ سے ایسا نہیں تھا۔ اور وہ پہلا دن تو بہت عجیب تھا۔ میں محض اس لئے سو نہیں پا رہا تھا کہ مجھے گولیوں کی آوازیں سنائی دیتی تھیں۔ ۔ ۔ صرف آوازیں ورنہ میں اچھی طرح جانتا تھا کہ میں ان کی پہنچ سے بہت دور ہوں۔ یہ جو گولیاں آپ کے جسم میں مدہوش عفریتوں کی طرح داخل ہوتی ہیں۔ ۔ ۔ کچھ اس طرح کہ ان کے سامنے دیوار، گھر، دروازے کوئی معانی نہیں رکھتے۔ ۔ ۔ ان کی بھی بہرحال حدود ہوتی ہیں۔ یہ بھی ایک خاص فاصلے کے بعد تھک کر زمین پر گر جاتی ہیں۔ اور جب یہ آپ کے جسم میں قلابازیاں کھاتے ہوئے قہقہے لگاتی ہیں تو یہ احساس آپ کو مارے دیتا ہے کہ کاش آپ بس ان سے تھوڑا دور ہوتے۔ آخر اتنی بڑی دنیا ہے اور یہ محض دو میل کا دائرہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور ہم اس دو میل کے دائرے میں مرنے کے لئے چلے آتے ہیں۔
تو شروع کے دنوں میں میں سو نہیں پاتا تھا اور جب ڈیوٹی کے لئے مجھے جاگنا ہوتا تو جاگ نہیں پاتا تھا۔ جب بندوق اٹھانے کو کہا جاتا تو سارا جسم شل ہو جاتا اور آرام کرنے کا حکم ملتا تو جیسے سارے یونٹ کا اسلحہ اپنی گردن پہ اٹھائے پھرتا۔ ۔ ۔ وہ اور وقت تھا۔ میں تب بڑے جذبے سے گولیاں چلاتا(جیسے میرے غصے کی شدت انہیں اور بھی lethalبنا سکتی ہو) ، جب میں ان دیکھے دشمنوں پہ گالیوں کی بوچھاڑ کر دیتا، جب ہیلمٹ سے ٹکراتی گولی پر گھنٹوں زمین پر سجدہ ریز پڑا رہتا۔ پر پھر سب کچھ بدلنے لگا۔ فضا میں ایک دھواں سا چھا گیا جس میں رات کو دن سے علیحدہ کرنا ممکن نہ رہا۔ اب ہوا میں آنکھوں کو چبھنے والی خوشبوئیں چلتی تھیں۔ موٹے موٹے چیونٹے میرے جسم پر رینگتے رہتے اور انہیں ہٹانے کا خیال تک نہ آتا۔ اب میں حکم ملنے پر اپنی بندوق نیچے رکھ دیتا، آنکھوں کو بند کرتا اور سو جاتا۔ حکم ملنے پر بندوق اٹھا لیتا اور سامنے گولیاں داغنے لگتا۔ ۔ ۔ سب کچھ اتنے میکانکی انداز میں ہوتا کہ میرے دل سے ساری وحشت، سارا خوف، ساری کراہت رخصت ہو گئی تھی۔
تو ایک خاص لمحے کے بعد وقت رک جاتا ہے۔ پھر آپ میدانِ جنگ میں نہیں رہتے۔ پھر شاید آپ ’’آپ ‘‘بھی نہیں رہتے۔ مگر آپ کی بندوق مسلسل گولیاں اگلتی رہتی ہے۔ جنگ کے بعد یہی گولیاں آپ کو بڑے بڑے ملٹری اعزازات کا مستحق بنا سکتی ہیں۔ اور اعزاز دیتے ہوئے وہ لوگ آپ کی بہادری اور شجاعت کا ذکر ایسے الفاظ میں کریں گے کہ آپ بے اختیار ادھر ادھر دیکھنے لگو گے۔ جیسے کہ وہ کسی اور کا ذکر کرتے ہوں۔
جب میں پہلی بار یہاں آیا اور خوف سے میری سانس گھٹی جاتی تھی تو میں نے سوچا کہ کیسے لوگ برسوں میدانِ جنگ میں گذار سکتے ہیں؟میرے سامنے ایسے جنگجوؤں کی مثالیں مو جود تھیں جن کی زندگیاں ہی میدانِ کارزار میں گذر گئی تھیں۔ لوگ جو بھاگتے گھوڑوں پر اپنی نیند پوری کر لیا کرتے تھے ، لوگ جن کے جسم پر ایک انچ جگہ ایسی نہ تھی جہاں زخموں کے نشان نہ ہوں۔ مگر اب میں جان گیا تھا کہ یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ جیسے کہ مرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ ہم عام سے لوگ ان شہدا اور مقتولین کو بڑی حسرت سے دیکھتے ہیں جیسے وہ لوگ کوئی ایسا کام کر گذرے ہوں جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جائے۔ پر اس سے مشکل کام تو ہم روز کرتے ہیں۔ وہ مزدور جو تمام دن بلند عمارت میں اینٹیں اٹھائے لے جاتا ہے ، وہprostituteجس کے بستر پر ہر شب کوئی اجنبی ہوتا ہے ، وہ لڑکا جو تمام رات کتابوں میں گذار دیتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ سب اس سے کہیں مشکل ہے کہ ہم اپنے ہتھیار سنبھالے آگے بڑھ رہے ہوں اور کوئی تیر ہمارے حلق میں پیوست ہو جائے۔
تو میں اب اس منجمد لمحے میں جا چکا تھا جس میں کسی شئے کا کوئی معانی نہیں رہتا۔ ایک بہت بڑی لاتعلقی میرے جسم میں اتر آئی تھی اور درد و غم کے سارے کارواں اسے آوازِ رحیل سمجھ کر رخصت ہو گئے تھے۔
ایسے میں میری بندوق سے ایک اور گولی نکلی اور سب کچھ بدل گیا۔ ایسا ہوتا ہے آپ تمام عمر لوگوں سے ملتے رہتے ہو اور پھر ایک آدمی نظر آتا ہے اور آپ کے دل کی دنیا بدل جاتی ہے۔ جیسے گھاس کا ایک تنکا بوجھ اٹھائے گدھے کی کمر توڑ دیا کرتا ہے۔ ایسے ہی وہ بھی ایک گولی ہی تھی مگر اس کے بعد اندھیرے میں شرارے نہیں ابھرے ، اس کے بعد میرے سر کے اوپر سے ’’سر سر‘‘ کرتی گولیاں نہیں گذریں۔ ۔ ۔ بس ایک بلند چیخ سنائی دی اور پھر خاموشی چھا گئی۔ ایک ایسی چیخ جس میں کروڑوں حسرتیں ضم ہو گئی ہوں۔ ۔ ۔ نہیں، وہ کوئی عام چیخ نہیں تھی۔ میں نے میدانِ جنگ میں سینکڑوں لوگوں کو مرتے دیکھا تھا، ہزاروں کراہیں سنی تھیں مگر ایسا کچھ سوچنا بھی میرے لئے ناممکن تھا۔ یہ ایسی چیخ تھی جس کے بعد آپ بندوق ہاتھ میں نہیں پکڑ سکتے۔ اس سے چھ فٹ دور کھڑے ہو جانے پر بھی آپ کو اس کی حدت محسوس ہوتی ہے ، سانس بند کر لینے پر بھی عجیب بدبو نتھنوں میں گھسی جاتی ہے۔
میں نے بندوق ہاتھ سے پھینک دی اور اٹھ کھڑا ہوا۔
’’لیٹ جاؤ۔ ‘‘میرے ساتھ زمین پر لیٹے ساتھیوں نے سرگوشی کی۔ ’’کھڑے رہے تو کوئی گولی تمہیں نشانہ بنا لے گی۔ ‘‘
کیا یہ اتنا ہی آسان تھا؟ہم یوں بھلا گولیوں سے بچ سکتے تو ساری دنیا کے لوگ ہمیشہ کے لئے زمین سے نہ چپک جاتے۔ نوعِ انسانی تمام عمر سانپوں کی طرح پیٹ کے بل چلتی، ارتقا کا اگلا قدم Reptilesہوتے۔ پر چیزیں اتنی آسان نہیں ہوتی ہیں۔ زمین پر چپک جانے سے دشمن سر پر آ کھڑا ہوتا ہے اور بڑے سکون سے گولی ہماری کھوپڑی میں اتار سکتا ہے۔
تو ہم نہیں جانتے کہ ہم کیوں مرتے ہیں۔ ۔ ۔ محض اس لئے کہ ہم گولیوں کی بوچھاڑ میں کھڑے ہو جاتے ہیں یا پھر کچھ یوں ہے کہ ہم کاؤچ پر لیٹ کر بے تحاشہ خوراک کھاتے ہیں۔ ہم ایسی باتوں کو نہیں سمجھ سکتے۔ موت کی کوئی وجہ نہیں ہوتی۔ موت کا صرف بہانہ ہوتا ہے (عام لوگوں کی یہ اصطلاح کتنے گہرے معانی رکھتی ہے ؟)۔
تو موت کا صرف بہانہ ہوتا ہے۔ شراب کے نشے میں دھت کوئی شخص اپنی گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھا دیتا ہے ، ہوٹل کا باسی کھانا کھانے سے آپ کو فوڈ پوائیزنگ ہو جاتی ہے ، جنگ چن چن کر شہر کے نوجوانوں کو کھا جاتی ہے۔ ہمارے سامنے ہر وقت یہ حقائق رہتے ہیں مگر ان سے کوئی منطقی نتیجہ نہیں نکل سکتا۔ ہم موت سے نہیں بھاگ سکتے۔
میں بہت دیر زمین کے ساتھ چپکا رہا تھا اور میں اس سے کہیں کم خوفزدہ کبھی بھی نہیں تھا جتنا میں اب ہوں۔ گولیاں اب میرے اردگرد سے سرسراتی ہوئی گذر رہی ہیں (جو پہلے میرے اوپر سے گذرتی تھیں) ، میرے سامنے اب ایک لامتناہی اندھیرا بکھرا ہے (جو پہلے بس ایک چھوٹا سا دائرہ تھا) ، سانسیں اب بھی پہلے سی چلتی ہیں۔ ۔ ۔ تو پھر خوف کے کیا معانی؟ہم ہمیشہ ان گولیوں سے خوفزدہ رہتے ہیں جنہیں ہمارے جسم کو چھونے کا اذن نہیں ہوتا، جنہیں ہمارے اوپر، نیچے ، دائیں، بائیں سے گذر جانا ہوتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور وہ گولی جسے ہمارے آنکھوں کے بیچ پیوست ہونا ہے اسے ہم کبھی نہ دیکھ پائیں گے ، کبھی محسوس نہ کر سکیں گے۔ تو پھر خوف کے کیا معانی؟
میں جان گیا تھا کہ میرا خوف کتنا لایعنی ہے پھر بھی میں پہلے سے کچھ کم خوفزدہ نہیں تھا۔ مجھے اپنے چاروں طرف سرسراہٹیں محسوس ہو رہی تھیں جیسے میرے دشمن میرے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہوں۔ جیسے ابھی تھوڑی دیر میں مجھے اس مورچے سے کھینچ لیا جائے گا اور پھر اگلے ہی لمحے میرا جسم پتھروں پہ گرا ہو گا۔ میرا دشمن گھائل ہو چکا تھا، میں نے اس کی اندوہناک چیخ سنی تھی اور میں اب زمین پر چپکا نہیں رہ سکتا تھا۔ میں موت سے نہیں ڈرتا مگر میں اس طرح مرنا نہیں چاہتا تھا کہ میرا جسم زمین سے ملا ہو اور میں اپنے سر پر ٹھہری موت کو نہ دیکھ سکوں۔ نہیں، میں اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنا چاہتا ہوں۔ مجھے اس سے بہت سے سوال پوچھنا ہیں اور پھر ایسا روز روز تو نہیں ہوتا کہ آپ کو ایسا موقع مل سکے۔ ایسا موقع تو زندگی میں ایک بار ملتا ہے۔ میں اسے کیسے گنوا سکتا ہوں۔
اور میں اپنے دشمنوں کو یہ لذت کیسے دے دوں کہ انہوں نے مجھے گھیر کر مار ڈالا۔ ۔ ۔ جیسے میں ان کی جنگی چال کا شکار ہو گیا ہوں۔ نہیں، میں کھڑا رہوں گا اور یہ بس ایک حادثہ ہو گا۔ سوچنے کی بات یہ نہیں کہ ابھی چند لمحوں میں میرے رخسار مٹی میں پیوست ہو جائیں گے اور آنکھوں کی پتلیاں پھیل جائیں گی۔ دیکھنے کی بات یہ ہے کہ میں اپنے دشمنوں کے نرغے سے نکل آیا ہوں۔ میں اب اپنے نرغے میں چلتا ہوں اور میں نے خود کو اس سے محفوظ کبھی محسوس نہیں کیا۔ تو میں کھڑا رہوں گا۔ ایسے میں کسی نے زوردار دھکے سے مجھے زمین پر گرا دیا۔
’’سپاہی ہوش کرو! ایسے وقت میں کھڑے نہیں ہوا جاتا(یہی تو کھڑے رہنے کا وقت تھا پر میں انہیں کیسے سمجھاتا؟)۔ اپنی بندوق سنبھالو اور لڑائی جاری رکھو۔ ‘‘مجھے مڑ کر دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑی۔ اپنے پر جوش حوالدار کی آواز میں کیسے بھول سکتا تھا۔ میں ہمیشہ اس کی پر اعتماد آواز، اس کے اکڑے ہوئے جسم کو حیرت سے دیکھتا تھا۔ مجھے ہمیشہ لگتا تھا جیسے اس کے سینے میں دل نہ دھڑکتا ہو، جیسے اس کے جسم میں میری طرح تھکاوٹ نہ اترتی ہو، جیسے وہ کبھی مرے گا نہیں بس ٹوٹ جائے گا۔ ۔ ۔ مشینوں کی طرح اپنی مفید زندگی ختم کرنے پر لوہے کے ٹکڑوں کی طرح کسی نئی مشین میں ڈھال دیا جائے گا۔
مجھے گرانے کے بعد وہ رکا نہیں بلکہ رینگتا ہوا دوسری طرف بڑھ گیا۔ ایسے میں ایک گولہ اس کے قریب آ گرا اور اگلے ہی لمحے اس کا کٹا ہوا سر اپنی کھلی آنکھوں سے میرے قریب پڑا مجھے دیکھتا تھا۔ وہ آنکھیں مجھ پر جمی تھیں۔ بڑے تنبیہی انداز میں مجھے کہتی تھیں کہ
’’دیکھا۔ ۔ ۔ کھڑے رہنے کا انجام‘‘۔
’’پر تم تو زمین کے ساتھ ملے تھے۔ ‘‘میں نے سوال کیا۔
مجھے جواب کہاں سے ملتا؟وہ آنکھیں تو پتھرا چکی تھیں۔ اس کے چہرے کے عضلات ہمیشہ کے لئے کھچ چکے تھے۔ ایسے میں میرے ذہن میں اس کا دھڑ دیکھنے کی خواہش پیدا ہوئی۔ میں اس کا دل دیکھنا چاہتا تھا۔ میں اپنی جگہ سے اٹھا اور ادھر ادھر دیکھتا رہا۔ مگر وہاں کوئی جسم نہیں تھا بس کسی جسم کی دھجیاں بکھری تھیں۔ جیسے کوئی ضدی لڑکی ماں کے لائے پرانے فیشن کے کپڑوں کو چھوٹی چھوٹی کترنوں میں کاٹ ڈالے کہ لو اب پہنا کے دکھاؤ مجھے۔
اور ایسے میں میں نے اس حوالدار کی روح کو دیکھا۔ خدا کی قسم! میں نے اس بکھرے ہوئے جسم کے پاس حوالدار کی روح کو دیکھا۔ وہ اپنے جسم کے قریب یوں گھومتا تھا جیسے وہ بھی اپنے دل کو کھوج رہا ہو(شاید اسے بھی میری طرح اپنے انسان ہونے کا پورا یقین نہیں تھا) اور اس کے چہرے پر بہت اطمینان تھا۔ میں ہمیشہ یہ سمجھتا رہا تھا کہ حوالدار جیسے لوگوں میں روح نہیں ہوتی یہاں تک کہ اس رات میں نے سفید لبادے میں لپٹی اس روح کو دیکھ لیا۔ وہ میدانِ جنگ کو ایسے دیکھ رہی تھی جیسے ہم راکا پوشی کی چوٹی یا ایمزون کے دھانے کو دیکھتے ہیں۔ ۔ ۔ حیرت، استعجاب، محویت اور اضطراب سے۔ جیسے بے پناہ حسن کا ایک سیلاب تھا جو اسے گھمائے پھرتا تھا۔ میں نہیں سمجھ پایا کہ لاشوں سے اٹی اس بے رنگ پہاڑی میں کیسا حسن تھا۔ پر حسن تو شاید دیکھنے والے کی آنکھ میں ہوتا ہے۔ ایسے میں وہ میرے قریب آ گیا اور مسکرایا۔
’’دیکھو کتنی بے صبری سے انہوں نے اپنی ہی شئے کو کھینچ تان کر ریزہ ریزہ کر دیا۔ ۔ ۔ اور جو میرا ہے وہ کون چھین سکتا ہے ؟میں اپنے آپ کو بچائے لئے جاتا ہوں۔ ‘‘
پھر وہ مڑا اور دشمن کے مورچوں کی طرف چلا گیا۔ کچھ اس طرح کہ گولیاں اس کے چاروں طرف سے گذرتی تھیں۔ کتنی آزادی سے وہ اس طرف بڑھ رہا تھا جہاں ہم سب مہینوں میں ان تمام ہتھیاروں کے باوجود نہ بڑھ سکے تھے۔ میں چاہتا تھا کہ میں بھی اس کے پیچھے چل دوں مگر وہاں وہ بھی تو ہو گا۔ ۔ ۔ وہ دشمن میں نے جس کی چیخ سنی تھی۔ یہ حوالدار زندگی سے کتنا بھرپور تھا پھر بھی مرتے ہوئے اس کے حلق سے چوہے جیسی آواز بھی نہ نکل پائی۔ میں اس کے بہت قریب تھا اتنا کہ اس کی سرگوشیاں بھی سن سکتا تھا مگر خدا کی قسم میں نے ہلکی سی کراہ بھی نہیں سنی تھی۔
تو پھر وہ کون تھا؟ وہ بھیانک چیخ کس کی تھی؟کوئی ایسا تھا جسے زندگی سے بہت پیار تھا۔ اتنا کہ اس کی چیخ سے میدانِ جنگ سہما جاتا تھا۔ اور لوگوں کا کیا ہے۔ لوگ تو روز مرتے ہیں۔ مجھے یاد ہے وہ دن جب میں نے اپنا بھالا اس کسان کے دل میں اتار دیا تھا جس نے شہنشاہ کے ٹیکس سے انکار کیا تھا۔ وہ بیچارا ہتھیاروں کی زبان نہیں سمجھتا تھا۔ وہ اس دن میرے سامنے انگارا آنکھوں کے ساتھ کھڑا تھا جب میرا بھالا اس کے سینے میں پیوست ہو گیا۔ اس نے بڑی حیرت سے مجھے دیکھا(جیسے وہ پہلی بار مر رہا ہو) اور پھر بڑی لاپرواہی سے دونوں ہاتھوں کی مدد سے بھالا نکالنے کی کوشش کرنے لگا۔ ایسے میں پہلی بار اس کے چہرے پر درد کے آثار ابھرے۔ اس نے پہلی بار اپنے آپ کو اتنی حقیر شئے کے سامنے بے بس محسوس کیا۔ اسے لگا جیسے اس کے ہاتھ وہ بھالا کبھی نہ کھینچ پائیں گے۔ ۔ ۔ وہ ہاتھ جن سے اس نے جنگل کو صاف کر کر اپنے لئے کھیت تیار کئے تھے ، وہ ہاتھ جن سے ایک مرتبہ اس نے بھیڑیے کو چیر ڈالا تھا اور آج وہ اپنے سینے سے ایک بھالا نہیں نکال پا رہا تھا۔ اور اسی غم سے وہ مر گیا۔ وہ چیخا نہیں، کوئی فریاد نہیں کی، بس خاموشی سے زمین پر بیٹھ گیا۔ اس کی آنکھوں سے ایک چھوٹا سا آنسو نکلا اور اس کا جسم لڑھک گیا۔ اس کے جسم کے گرد خون بکھرا تھا مگر میں اچھی طرح جانتا تھا کہ وہ بس اس لئے مر گیا کہ اپنے سینے سے بھالا نہ نکال سکا تھا۔
اور یہ ہماری آخری ملاقات نہیں تھی۔ میں نے اسے ایک بہت بڑی لڑائی کے بیچ دیکھا۔ وہ اب کسرتی جسم کا ایک پہلوان تھا اور بڑا سا گرز لئے ہماری صفوں میں گھسا آتا تھا۔ وہ اب پہلے سا معصوم نہیں رہا تھا۔ وہ اچھی طرح جانتا تھا کہ اس کا گرز جس سر پر پڑے گا زندگی وہاں سے بھاگ بھاگ جائے گی۔ ایسے میں جب میں نے اس کے پہلو میں تلوار گھونپ دی تو اس نے مجھے بے یقینی سے نہیں دیکھا۔ تب تک وہ جان گیا تھا کہ جو ’’تلوار سے جیتا ہے وہ تلوار سے مرے گا‘‘۔ اس نے مجھے ایسے دیکھا جیسے وہ مجھے جانتا ہو۔ جیسے اسے میرا ہی انتظار ہو۔ جیسے وہ بھاری گرز چلاتا تھک گیا ہو۔ اور آج اس نے تلوار کو پہلو سے نکالنے کی کوشش نہیں کی۔ جیسے جانتا ہو کہ وہ پھر ناکام رہے گا اور پھر سے اس غم میں جان دے دے گا۔ اس کے لئے یہ آخری لمحات بہت قیمتی تھے وہ انہیں کسی لاحاصل کوشش میں ضائع نہیں کرنا چاہتا تھا۔ تو وہ بس خاموشی سے زمین پر گر گیا اور اس کے ہونٹ کچھ بڑبڑانے لگے۔ ۔ ۔ کوئی دعا جس میں وہ اپنے پروردگار کی بے پایاں نعمتوں کا شکر ادا کر دینا چاہتا ہو۔
میں نے اسے بہت بار دیکھا۔ کبھی دیوار سے لگے فائرنگ اسکواڈ کے سامنے ، کبھی اس شہر کے بیچ اپنے بچوں سے کھیلتے ہوئے جہاں مجھے بم گرانا تھا، کبھی میدانِ جنگ کے اندھیروں میں خود کو کیموفلاج کئے ہوئے۔ ۔ ۔ اور میں نے ہر بار اسے مارڈالا۔ وہ ایک مرتبہ بھی نہیں چیخا۔ بس خامشی سے اپنی جگہ پر ڈھیر ہو جاتا۔ اب تو اس کی آنکھوں سے ہر ناراضی بھی جا چکی تھی۔ اب تو جیسے یہ ایک معمول بن گیا تھا۔ جیسے سورج نکل آنے پر اندھیرا بغیر احتجاج کئے کہیں چلا جاتا ہے ، جیسے استاد کے آنے پر تمام طالبِ علم کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ۔ ۔ تو یہ اب میکانکی عمل بن گیا تھا۔
تو پھر آج کیا ہوا تھا؟اگر وہ نہیں تھا تو پھر کون تھا جو اتنی شدت سے چیختا تھا؟کہیں ایسا تو نہیں کہ آج وہ واقعی مر گیا ہو؟اور اس کے ساتھ یہ جنگ ہمیشہ کے لئے ختم ہو گئی ہو۔ جیسے اب مجھے کسی دوسرے کو مارنا نہ پڑے گا۔ اور میں اعتراف کرتا ہوں کہ یہ احساس میرے لئے کوئی بہت سکون آور نہیں تھا۔ ایسا لگتا تھا کہ جیسے کسی نے زندگی سے سارا مقصد، ساری خوبصورتی چھین لی ہو۔ جیسے اب باقی سفر ایک چٹیل میدان میں طے ہونا تھا جہاں نظر ٹھہرانے کو کوئی سبزہ، کوئی درخت، کوئی پہاڑ نہ ہو۔ جہاں سورج کی شعاعیں آپ کے جسم میں گھستی چلی جائیں اور ہر ساعت آپ زمین میں چھپ جانا چاہو۔
مگر شاید ایسا نہیں تھا۔ اب بھی میرے چاروں طرف گولیاں چل رہی تھیں۔ اور مجھے بھی جواب میں گولیاں چلانا ہی تھیں۔ اگر سب کچھ پہلے جیسا ہی تھا تو پھر وہ چیخ کس کی تھی؟وہ بھیانک چیخ جس سے میری روح لرزی جاتی تھی۔
نہیں۔ ۔ ۔ میں اب اس مورچے میں بیٹھا نہیں رہ سکتا۔ مجھے جانا ہے اور دیکھ کر یقین کرنا ہے کہ میرا دشمن مر چکا ہے یا نہیں؟میں اس میں پوشیدہ خطرات سے آگاہ تھا۔ جیسے آپ کی گولی کھانے پر شیر کسی جھاڑی میں چلا جائے۔ جھاڑی جس کے اندر خون کی ایک لکیر تو جاتی ہے مگر آپ پھر بھی کبھی نہ جان پاؤ گے کہ وہ واقعی مر گیا ہے۔ جب بیس سال بعد آپ اپنے پوتے کو اس بہادری کا قصہ سناؤ گے تو دل میں ایک چور بیٹھا ہو گا
’’کیا خبر وہ شیر بچ نکلا ہو؟‘‘
نہیں آپ ایسے واپس نہیں جا سکتے۔ اور جب زخمی شکار کے پیچھے آپ جھاڑیوں میں داخل ہوتے ہو تو کچھ بھی ممکن ہے۔ ۔ ۔ ہو سکتا ہے کہ کہیں دبکا شیر آپ پر حملہ آور ہو جائے اور اپنے نوکیلے دانتوں سے آپ کی گردن کو ادھیڑ ڈالے۔ ایسے میں کچھ بھی ممکن ہے مگر آپ کیا کرو کہ واپسی کا کوئی راستہ نہیں؟
تو کیا خبر کہ میرا دشمن ابھی زندہ ہو اور یہ چیخ محض مجھے جال کی طرف دھکیلنے والا ہانکا ہو۔ مگر یہ بھی تو ممکن ہے کہ وہ بس مجھے بلا نا چاہتا ہو۔ اس ہزاروں برس کی لڑائی کے خاتمے پر کچھ کہنا چاہتا ہو۔ ۔ ۔ شاید یہ کہ اتنی بڑی لڑائی کے دوران مجھے تم سے محبت ہو گئی ہے۔ جیسے باڈر پر آنکھوں میں آنکھیں ڈالے فوجیوں کو ہو جاتی ہے۔ ایسے میں وہ ایک دوسرے کو چھوٹے چھوٹے تحائف دینے لگتے ہیں، ایک دوسرے کے بارے میں ایسی باتیں جاننے لگتے ہیں جنہیں جاننے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ جیسے کہ چٹھی آنے والے دن نوجوان کیپٹن کا چہرہ دمکنے لگتا ہے ، جیسے کہ سارا دن بندوق پکڑ کر ڈیوٹی کرنے والا سپاہی رات کو محبت کے گیت گاتا ہے۔ تو کیا وہ چیخ محض ایک بلاوا تھی کہ
’’میرے قریب آ جاؤ تاکہ میں اپنی محبت کا اظہار کر سکوں۔ ۔ ۔ اس محبت کا جو میں ہزاروں برس سے اپنے جسم میں چھپائے بیٹھا تھا۔ اور تمہاری لگائی ہر ضرب پر اسے زیادہ کینے سے چھپا لیتا تھا۔ تاکہ تم اسے دیکھ نہ پاؤ اور انجانے میں اپنی ہی محبت کا خون کرتے رہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو تمام عمر میں اسے تم سے چھپاتا رہا ہوں مگر اب لڑائی ختم ہوئی۔ آؤ! اب تو اسے ایک نظر دیکھ لو۔ ‘‘
نہیں میں اب مورچے میں دبکا نہیں رہ سکتا تھا۔ میں پھر سے اٹھا۔ بہت سی آوازوں نے مجھے نیچے لیٹنے کو کہا مگر میں نے بندوق پھینک کر دشمن کی طرف بڑھنا شروع کر دیا۔ مجھے کوئی پیچھے سے کرخت آواز میں پکار رہا تھا کہ اگر میں نہ پلٹا تو مجھے گولیوں سے چھید دیا جائے گا اور سامنے والوں کو تو اس تنبیہ کی بھی ضرورت نہیں تھی۔ پر میں رکا نہیں۔ میں آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر اندھیرے میں دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یقیناً ابھی کچھ فاصلے پر مجھے میرا دشمن نظر آ جائے گا۔ گولیاں میرے چاروں طرف سے گذر رہی تھیں۔ اور پھر بڑی عجیب بات ہوئی۔
ایک گولی ہوا میں ٹھہری تھی۔ ۔ ۔ وہ ہوا میں ٹھہری تھی اور اس میں میرے پسینے کی خوشبو رچی تھی۔ سینکڑوں گولیاں چل رہی تھیں مگر وہ کھڑی تھی جیسے میری منتظر ہو۔ یہ وہی گولی تھی جو اس چیخ کے وقت میری بندوق سے نکلی تھی۔ مجھے لگا جیسے حرکت کوئی دھوکہ ہو اور کوئی چیز کبھی نہ چلتی ہو۔ جیسے Space timeمڑتا جاتا ہو اور ہر چیز چکر لگا کر واپس اپنی جگہ پر آ جاتی ہو۔
’’جو تلوار سے جیتا ہے وہ تلوار سے مرے گا۔ ‘‘
میں نے یہ جملہ ہزاروں مرتبہ سنا تھا مگر سمجھ نہ پایا تھا۔ کیا ہر ایک کو اپنی ہی گولی سے مرنا ہو گا؟ اپنی ہی تلوار سے کٹنا ہو گا؟
تو جو ظلم میں نے دوسروں پر ڈھائے ، وہ دشمن جسے میں نے اتنی بار مار ڈالا۔ ۔ ۔ کیا میں اس سب میں بے قصور تھا؟کیا میں نے کوئی جرم نہیں کیا تھا؟ شاید یہ صحیح ہی تھا۔ گناہ گار اور بے گناہ ٹھہرانے کا اختیار مجھے تھا ہی کب؟میرا کوئی دشمن نہیں تھا کہ دشمن ٹھہرانے کا انتخاب میرے پاس تھا ہی کب؟مجھے تو ایک فہرست دے دی جاتی تھی۔ جس میں ایسے لوگ تھے مجھے جن سے محبت کرنا تھی، ایسے لوگ تھے مجھے جن کی عزت کرنا تھی، ایسے لوگ تھے مجھے جن کو قتل کرنا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ایسے میں سزا کیسی؟
تو مجھے کوئی سزا نہیں مل رہی تھی۔ پھر اپنی گولی سے مرنا بھلا کیسی سزا؟یہ تو ایک بد دعا ہے جو نوعِ انسانی پر لاد دی گئی ہے۔
میں اس کے بعد آگے نہیں چلا۔ جا بھی کہاں سکتا تھا؟گولی سے تیز کون بھاگ سکتا ہے ؟لیکن ہر گولی کی ایک حد ہوتی ہے۔ اس کے بعد وہ تھک کر گر جاتی ہے۔ اور میں اس حد میں آ گیا تھا۔ اتنی بڑی دنیا اور ہم اس دو میل کے دائرے میں مرنے کے لئے آ جاتے ہیں۔ اب راہ فرار کا خواب کیسا؟
میرے ٹھہرنے کے ساتھ ہی گولی میرے جسم میں در آئی اور میں کٹے ہوئے تنے کی طرح زمین پر آ گرا۔ میرے ہونٹ ایک دوسرے میں پیوست تھے۔ مجھے چیخنے کی ضرورت نہیں تھی کہ وہ چیخ تو میں بہت دیر پہلے مار چکا تھا۔ میں اب میدانِ جنگ سے رخصت ہوا چاہتا تھا کہ ایسے میں میں نے نظر اٹھا کر دیکھا۔ مجھے یوں لگا جیسے میری آنکھوں کے سامنے سے سارے اندھیرے چھٹ گئے ہوں۔ میں نے سینکڑوں لوگوں کو چوہوں کی طرح دبکے دیکھا (جہاں میں تن کر کھڑا تھا) اور میں ہنس پڑا۔ نیلے آسماں کے تلے گہری سبز گھاس پر رنگو نور کا ایک کھیل چل رہا تھا اور یہ سب بہت خوبصورت تھا۔ ایسے میں مجھے ایک آواز سنائی دی۔ کوئی اپنے ساتھی سے سرگوشی کر رہا تھا
’’خدا کی قسم میں نے اس سپاہی کی روح کو دیکھا ہے۔ وہ اپنے گٹھڑی بنے جسم کے پاس بڑے اطمینان سے کھڑی تھی‘‘۔

٭٭٭

تشکر: مصنف جنہوں نے فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

شہرِ حقیقت میں کہانی لکھنا