خواتین کے لئے
اردو تہذیب ڈاٹ نیٹ
کیڑے مکوڑوں اور حشرات سے نجات
کاظمہ بتول
گھر میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فرام کرنا آ پ کی ذمہ داری ہے۔
اس کے باوجود کہ اگر آپ نے ان کریہہ حشرات اور کیڑے مکوڑوں میں سے بیشتر کا ہلاک کر دیا ہے یا مارا بھگایا ہے تو تب بھی یہ کسی نہ کسی طرح وقت ضائع کئے بغیر دوبارہ آ دھمکتے ہیں جیسے بدلہ لینے آئے ہوں ۔ لہٰذا جب وہ آپ کے گھر میں پہلے ہی حملہ آور ہو چکے ہوں تو ان پر کنٹرول پانے کے اقدامات کرنے کی بجائے انسدادی علاج کے اقدامات اختیار کریں اور اپنے گھر میں ان کا داخلہ ممنوع قرار دے دیں ۔
اپنے کچن 'الماریوں 'کپ بورڈز وغیرہ کے گوشوں اور کونے کھدروں کی اچھی طرح سے صفائی کر لیں ۔ تا کہ تمام کاکرچز جلا وطن ہو جائیں ۔ تمام نالیوں پر ٹائٹ قسم کے ڈھکنے لگے ہوئے ہوں تاکہ وہ اچھی طرح کور رہیں اور کاکروچز کو اندر آنے کا راستہ نہ مل سکے۔کوئی بھی غذا کھلی نہ چھوڑیں ۔ ہر رات کوڑے دان کو لازمی یا تو خالی کر دیں یا اسے اچھی طرح سے ڈھانپ دیں ۔ مختصر یہ کہ بہت محتاط صفائی اشد ضروری اور لازمی ہے۔
گھریلو مکھیاں سڑنے کوڑا کرکٹ میں انڈے دیتی ہیں اور اسی میں جنم لیتی ہیں ۔ لہٰذا اس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ آپ کے محلے میں کوئی کوڑے دان تو نہیں یا تو کہیں کوڑا کرکٹ تو نہیں پھینکا جا تا۔ ہر قسم کے مچھروں کو افزائش اور انڈے دینے کے لیے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر آپ اس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ آپ کے اطراف میں یا کسی کولر 'خالی ڈبوں 'بوتلوں 'بالٹیوں یا کسی اور کیا نز میں اگر پانی جمع ہا رہا ہے تو آپ مچھروں کی افزائش کے سلسلے کو روک تھام کر سکتے ہیں ۔
آپ کے گھر کی تمام کھڑکیاں اور دروازوں میں جالیاں لگی ہونی چاہئیں ۔گھر کی فلائی پروفنگ ضروری ہے۔ گرمیوں میں خاص طور پر 2بجے شام سے 8بجے رات تک اپنے گھر کی کھڑکیوں اور دروازوں کر بند رکھیں تاکہ مچھر آپ کے گھر میں نہ گھس سکیں ۔
ان آسان حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہو کر آپ اپنے گھر کو کیڑے مکوڑوں اور حشرات سے موازنہ کے لحاظ سے پاک صاف رکھ سکتی ہیں اور ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کر سکتی ہیں ۔
پٹس جراثیموں کے بارے میں زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں آخر کار وہ ہماری زندگی کا قدرتی حصہ ہیں ۔ البتہ اخلاق یا مروت کا اظہار بھی ضروری نہیں 'خاص طور پر کچن میں ۔
یہاں پر ہم ان پانچ احتیاطی تدبیروں کا ذکر کر رہے ہیں جو کچن میں صفائی اور خود کو محفوظ رکھنے کے لیے اختیار کرنا ضروری ہیں ۔
٭تمام سطحوں اور فرشتوں کو اینٹی بیکٹریل کلینر سے باقاعدہ صاف کرتی رہا کریں ۔
٭ہمیشہ کچی اور پکی ہوئی غذاؤں کو پروڈکٹ کے لیبل کے مطابق علیحدہ علیحدہ اسٹور کریں ۔
٭غذاؤں کو تیار کرنے اور کھانا پکانے سے قبل اور بعد اپنے ہاتھوں کو ہمیشہ اینٹی بیکٹیریل ہینڈ واش سے دھو لیا کریں ۔
٭اڑنے اور رینگنے والے کیڑے مکوڑوں کو ہمیشہ با اعتماد آزمودہ انسکیٹی سائڈ سے کنٹرول کریں ۔
٭ایسی فرسٹ ایڈ کٹ ہمیشہ دسترس میں رکھیں جس میں اینٹی سٹپنک بھی ہو۔
خواتین کا تحفظ : سماج اور قانون
ڈاکٹر ظفر محمود
خواتین کی آزادی ، خواتین کے حقوق اور خواتین کی بہبود کے بلند بانگ دعووں والے اس زمانے میں خواتین کے خلاف جرائم بجائے گھٹنے کے بڑھتے ہی جا رہے ہیں ۔عصمت دری، جنسی بلیک میلنگ چھیڑ چھاڑ اور خانگی تشدد معمول کی باتیں بن گئی ہیں اور عام لو گ ان باتوں کے گویا عادی ہوتے جا رہے ہیں ۔چنانچہ ا س صورت حال پر بے چینی یا پریشانی کی کوئی خاص کیفیت معاشرتی سطح پر نہیں دیکھی جا رہی ہے۔ یہ بجائے خود ایک تشویشناک بات ہے، کیوں کہ برائی اور جرائم کے خلاف رد عمل کی سطح جتنی کم ہو گی اتنا ہی ان میں اضافہ ہو گا اور ہم روشن خیالی ، جدیدیت اور ترقی پسندی کے تمام دعووں کے باوجود معاشرتی انحطاط کی طرف جاتے رہیں گے۔
گزشتہ دنوں شری رام سینا کے غنڈوں نے ایک پب پر حملہ کر کے وہاں موجود عورتوں اور لڑکیوں کی پٹائی کی تو اس معاملہ کا تو بڑا نوٹس لیا گیا۔ ہر سطح پر اس کا رد عمل ہوا۔ لیکن ایسا رد عمل کسی خاتون کی عصمت دری ، اس کے جنسی استحصال یا اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے جیسے، جسمانی، ذہنی اور جذباتی طور پر تکلیف دہ واقعات پر دیکھنے میں نہیں آتا۔ خبر اگر بنتی بھی ہے تو معاملے کی سنسنی خیزی کے پہلو سے اہم سمجھی جاتی ہے یا ٹی آر پی اور ریڈر شب کی سطح کو اوپر لے جانے کے لئے لذت آمیز منظر نگاری کی جاتی ہے۔یعنی مظلوم عورت کے ساتھ ہونے والی زیادتی، اس کی رسوائی اور عصمت دری اور اس کو پہنچنے والی جسمانی ، روحانی، جذباتی اور نفسیاتی اذیت کو لے کر انتظامیہ، میڈیا اور سماج میں زیادہ ہڑ کمپ نہیں مچتا۔ یہ بات اس طرح کے معاملوں کے تئیں سماج میں پیدا ہونے والی بے حسی اور بے نیازی کی علامت ہے۔
سوال یہ ہے کہ یہ بے نیازی اور بے حسی سماج میں کیوں پنپ رہی ہے۔ یہ کہنا غالباً غلط نہ ہو گا کہ اس کا تعلق کہیں نہ کہیں اس ذہنیت سے ہے جو عورتوں کو پب میں ، ڈانس کلبوں میں اور حسن کے مقابلوں میں دیکھنا چاہتی ہے۔ یعنی عورت کی جنسی کشش ہی جس کے لئے سب کچھ ہے۔ جس کے نزدیک عورت سب سے پہلے ایک جنسی شے ہے اور لذت اندوزی ہی اس کا اصل مصرف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عورتوں کے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتیوں کے واقعات مرد سماج کے لئے تشویش اور تکلیف کاسبب ہونے سے زیاد ہ ہنسی مذاق اور تفریحی تذکرے کا موضوع بننے لگے ہیں ۔پولس بھی ان واقعات کو خطرناک جرم کے طور پر نہیں لیتی اور میڈیا کے لئے بھی یہ محض تفریحی پیش کش کا ذریعہ بن جاتے ہیں ۔ میڈیا ان کی خبر نگاری کو دل چسپ انداز میں پیش کر کے اپنے ناظرین یا قارئین کو خوش کرنے کی ہی کوشش کرتا ہے۔
عورتوں کے تئیں سماج میں پنپ رہے اس روئے کی وجہ پر جب غور کرتے ہیں تو یہ سمجھ میں آتا ہے کہ سماج پر مذہبی تعلیمات و اخلاقیات کا اثر کم ہو جانے سے یہ صورت حال پیدا ہوئی ہے۔ کیوں کہ مذہبی تعلیمات کے زیر اثر سماجوں میں عورتوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ آج بھی جن سماجوں میں مذہبی تعلیمات اور اقدار کی پکڑ ہے وہاں عورتوں کی نسوانیت کا احترام ، نام نہاد روشن خیال جدید تہذیب والے سماجوں سے زیادہ پایا جاتا ہے اور عورتوں پر جنسی حملوں کے واقعات کے لے کر وہ زیادہ حساس ہیں ۔ کہا جاتا ہے قدیم ہندستان میں ویدک تعلیمات کے زیر اثر عورتوں کو دوسرے ملکوں کی بہ نسبت زیادہ احترام حاصل تھا۔ اور انہیں دیوی کا درجہ حاصل تھا۔ منو اسمرتی میں کہا گیا ہے: ’’ جس گھر میں عورت کی پوجا ہوتی ہے ، وہاں بھگوان نواس کرتے ہیں ۔ اور جن گھروں میں عورتوں کو حقیر سمجھاجاتا ہے ، وہاں اصلاح کی ہر کوشش بے کار ہو جاتی ہے۔(منو اسمرتی۳۔۶۵ )۔ بیشتر مذہبی قوانین میں زنا اور عصمت دری کی سزا بہت سخت رکھی گئی ہے۔ بائبل کے مطابق عصمت دری کی سزا موت ہے (ایکسوڈس۴۱:۰۲، ڈیوٹرونومی۲۲:۲۲) ۔ یہودیوں کے مذہبی صحیفہ میں عصمت دری یا زنا کے مجرم کو بر سرعام سنگسار کر کے ہلاک کر دینے کی سز اہے (جیوش مشنہ ۱۱۔۱، ۷)۔ قرآن کریم میں زانیوں اور عصمت دری کے مجرموں کو سرعام ۰۰۱کوڑے مارنے کی سزا مقرر کی گئی ہے، اور اس معاملے میں کوئی نرمی یا رحم دلی دکھانے سے منع کیا گیا ہے(سورہ نور، آیت:۱،۲)۔ حدیث اور سنت سے یہ بھی ثابت ہے کہ اگر خاطی شادی شدہ ہوں گے تو انہیں بر سر عام سنگسار کر دیا جائے گا۔اتنا ہی نہیں ، بلکہ قرآن نے ایسے مجرموں کو مزید یہ سزا دی ہے کہ انہیں اپنے جیسے بدکردار کے علاوہ کسی دوسرے سے نکاح کرنے سے روک دیا ہے۔ (نور ، آیت:
یوں تو جدید قانونوں میں بھی عورتوں کی عزت اور ان کی عصمت کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ جنیوا کنونشن کے پروٹوکول میں عورتوں کو لائق احترام قرار دیا گیا ہے اور ان کی عصمت ریزی یا کسی بھی طرح جارحیت سے ان کی حفاظت کا بندوبست کرنے کو کہا گیا ہے۔چنانچہ دستور ہند کی دفعہ ۱۲ عورت و مرد ، ہر شخص کی شخصی آزادی اور زندگی کے تحفظ کے حق کی ضمانت دیتی ہے۔ سی آر پی سی میں عصمت دری سے متعلق قانون کو موثر بنانے کے لئے یہ بندوبست کیا گیا ہے کہ مقدمات کو بغیر کسی التوا کے جلدسے جلد نمٹایا جائیگا۔ متاثرہ خاتون کو تفتیش کے لئے پولس تھانے نہیں جانا پڑ ے گا بلکہ تفتیشی افسر خاتون کے گھر پر یا اس کی مرضی کی کسی جگہ اس سے پوچھ تاچھ کریگا۔ مقدمہ کی سماعت حتی الامکان خاتون جج کریں گی۔ خواتین کو آوازوں ، فقروں اور اشاروں کنایوں سے بھی اذیت دینے کی سزا انڈین پینل کوڈ میں ہے۔ لیکن یہ قوانین اپنی کوئی اخلاقی قوت نہیں رکھتے۔ وہ قوت جو جرم سے نفرت پیدا کرے ۔ جو جرم کو گناہ اور پاپ بنا کر انسان کے ضمیر پر بھاری کر دے۔ جدید تہذیب میں تو جنسیت اور شہوت کو بے روک ٹوک بڑھاوا مل رہا ہے۔ لوگوں کی تربیت کرنے اور جنسیت و شہوت کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے بجائے ، اسے بھڑکانے اور پابندیوں و تحدیدات سے آزاد کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
لہٰذا ضرورت اس با ت کی ہے کہ معاشرے کی اخلاقی تربیت کی جائے اور اخلاقی داعیہ پیدا کرنے میں سب سے موثر قوت مذاہب کی قوت ہے۔ مذہبی تعلیمات میں گناہ اور پاپ کا جو تصور ہے وہ انسانوں کو جرائم اور غلط کاریوں سے روکتا ہے۔ اسی کے ساتھ یہ ضروری ہے کہ عورتوں کے تئیں ایک ذمہ دارانہ سوچ سماج میں پنپے۔ اور ان کے تئیں ذہنی رویہ درست کیا جائے۔ عورت محض ایک جنسی وجود نہیں ہے ، وہ ایک مکمل شخصیت کی مالک ہے ۔ اس کے اندر جذبات اوراحساسات ہیں ۔ سماج میں اس کے متعدد رول ہیں ۔ اس کا ایک سماجی کردار ہے۔ وہ نسلوں کو پالنے، پوسنے اور تربیت کر نے کے اہم ترین فریضہ کی حامل ہے۔مرد سماج اس کی ممتا، اس کی شفقت ، اسکی رحم دلی، اس کی مہربان فطرت ، اس کے ایثار اور اس کی محبت کا مرہون منت ہے۔ اپنی مکمل شخصیت اور اپنی خدمات کے اعتبار سے وہ انتہائی عظمت و احترام کی حقدار ہے۔ اس کی نفس کو اور اس کی عصمت و عفت کو مجروح کرنے والی کوئی بھی حرکت کسی کے لئے بھی کوئی معمولی بات نہیں ہونی چاہئے۔
چنانچہ خواتین کی حفاظت اور ان کے تئیں عزت و احترام کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے سماجی سطح پر زبردست بیداری پید ا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہرسطح پر ایسی اجتماعی کوششیں ہونی چاہئیں کہ جس کے نتیجے میں ان کو بری نظر سے دیکھنے والے اور ان کے خلاف جرائم پر آمادہ لوگوں کا حوصلہ ٹوٹے۔ ایسی کسی بھی حرکت کرنے والے کو فی الفور ایک بھرپور رد عمل کا سامنا کرنا پڑے۔ کسی راہ چلتی عورت کا دوپٹہ کھینچ لینا ، دیکھ کرسیٹی بجا دینا اور محض گھور کر دیکھ لینا بھی کسی کے لئے آسان نہ رہ جائے۔یہ تبھی ہوسکتا ہے جب خواتین کی حفاظت کو عام لوگ خود اپنی ذمہ داری سمجھیں ۔ محض پولس، حکومت اور قانون کو اس کے لئے جوابدہ نہ مانیں ۔دوسری طرف خواتین کو بھی اپنی عزت نفس کا خیال رکھنا چاہئے۔ انہیں ایسے لباس اور ایسے انداز و اطوار سے بچنا چاہئے جو لوگوں کی نگاہ میں ان کی عزت کم کرتے ہوں اور انہیں ایک تفریح و نمائش کی چیز بناتے ہوں ۔ کمزور اخلاق کے لوگ جنہیں دیکھ کر حوصلہ پائیں اور وہ انہیں محض ایک جنسی شئے سمجھ کر ان پر ہاتھ ڈالیں ۔
جنسی جرائم کے سلسلے میں قانونوں کو بھی آخری حد تک سخت بنانے کی ضرورت ہے۔ حقوق انسانی کی دہائی دیکر آج سزائے موت کی مخالفت کی جا رہی ہے اور اس سزا کا تصور ہی ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ صحیح ہے کہ ہرانسان جو پیدا ہوا ہے ، اسے اپنی طبعی موت تک جینے کا حق ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ایک استثنا اور ایک شرط ضروری ہے ۔ وہ یہ کہ جب تک کوئی انسانی کسی دوسرے کے ا س حق کو پامال کر کے خود اپنا یہ حق نہ کھودے۔ چنانچہ قرآن کریم میں قتل نفس کی نفی کے ساتھ الا بالحق کی شرط لگائی گئی ہے۔ یعنی جرائم کی کچھ صورتیں ایسی ہیں جن میں مجرم کو نظام یا حکومت کی طرف سے موت کی سزا ہی دی جانی چاہئے۔خواتین کی عصمت دری یا زناکاری کوئی معمولی جرم نہیں ہے ۔ جسٹس سری کرشنا کے الفاظ میں کسی عورت کی عصمت دری محض اسے جسمانی اذیت دینے کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ اس کے نتیجے میں عورت کی پوری شخصیت تباہ ہو جاتی ہے۔ اسی طرح زنا بالرضا بھی اپنے نتائج کے اعتبار سے سماج کو انارکی میں مبتلا کرنے اور بدترین نتائج پیدا کرنے کا سبب ہے۔ نیویارک کے پروفیسر شیری ایف کالب کہتے ہیں کہ عصمت دری کے مجرم کو سزائے
موت دینے کی مخالفت کا مطلب ہے اس جرم کو اتنا بڑا نہ سمجھنا کہ اس کے لئے موت کی سزا تجویز کی جائے۔ حالانکہ برطانوی قانون میں بھی پہلے عصمت دری کے مجرم کو خصی کر دیا جاتا تھا۔برطانوی پارلیمنٹ نے ۱۲۵۸ءمیں اس کے لئے موت کی سزامقرر کی تھی۔
٭٭٭
اسلام نے خواتین کے جملہ حقوق کا تحفظ کیا ہے
عارف عزیز
کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں عورتوں کا مردوں کے برابر حصہ ہوتا ہے ، مردوں کے ساتھ عورتیں بھی سماجی اور اقتصادی میدان میں مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کر کے آگے بڑھ سکتی ہیں ، جن معاشروں میں ترقی کی رفتار سست ہوتی ہے تو سمجھ لینا چاہئے کہ ان میں عورتوں کو آگے بڑھنے کے پورے مواقع میسر نہیں ہیں ، جہاں تک ہندوستان کے عام معاشرہ کا تعلق ہے تو اس میں عورتوں کی حصہ داری، دن بدن بڑھ رہی ہے لیکن مسلم معاشرہ کے بارے میں ایسا کوئی دعویٰ کرنا اس لئے سچ نہیں کہ مسلمان خود ہر مورچہ پر پچھڑتے جا رہے ہیں ، اسی تناسب سے ان کی عورتیں بھی دوسرے سماجوں سے کافی پیچھے ہیں ، عام طور پر اس کی وجہ مذہبی بتائی جاتی ہے جبکہ یہ خالصتاً اقتصادی وسماجی ہے، اس سچائی کو بہتر طور پر سمجھنے کے لئے ضروری ہے کہ اسلام دھرم کی عورتوں کے بارے میں تعلیمات پر ہم نظر ڈال لیں ۔
اسلام دنیا کا پہلا مذہب ہے جس نے عورت کو مرد کے برابر مقام دیا ہے بلکہ سماج کی تشکیل میں عورت کو مرد سے زیادہ اہمیت دی ہے، اسلام کی نظر میں عورت معمار اول کا درجہ رکھتی ہے، عورت اور مرد انسانیت کی گاڑی کے دو پہیے ہیں ، کسی ایک پہیے کے بغیر انسانیت کی ترقی و عروج کا تصور نہیں کیاجاسکتا، قرآن حکیم نے عورت کے حقوق اور معاشرہ میں اس کی اہمیت پر بہت زور دیا ہے اور جو بھی احکامات دیئے ہیں ، ان میں عورت اور مرد دونوں برابر کے شریک ہیں ، ایک موقع پر اردو کے معروف اسکالر اور شاعر علامہ اقبال نے کہا تھا کہ ’’قرآن کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہو گا کہ اس میں عورتوں کے حقوق اور ان کی اہمیت پر اتنا زور دیا گیا ہے کہ گویا یہ کسی عورت کا کلام ہو، ان حقوق و اختیارات کی لسٹ کافی طویل ہے جن کے عنوانات پر ہی نظر ڈال لینا کافی ہو گا، اسلام نے مرد اور عورتوں میں حقوق کی مساوات رکھی ہے، عورت کی مستقل حیثیت کو تسلیم کیا ہے، سزا اور معافی میں مرد اور عورتوں کو برابر رکھا ہے، عورت دشمن کو پناہ دینے کا اختیار رکھتی ہے عورت کو اپنے شوہر کے انتخاب کے ساتھ ساتھ وراثت میں بھی حق حاصل ہے، جو اسے ماں باپ اور شوہر دونوں کی طرف سے ملتا ہے۔ اسی طرح مسلم عورت کو عزت و آبرو کی حفاظت کا حق، نکاح سے گلو خلاصی کا حق اور علم حاصل کرنے کا حق ہے جس کے تحت عورت مذہبی اور عصری تعلیم اسی طرح حاصل کرسکتی ہے، جس طرح مرد حاصل کرتے ہیں ، اسلام جہیز دینے کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا پھر بھی جو لوگ دیتے ہیں وہ لڑکی کے لئے ہوتا ہے جبکہ دوسرے سماجوں میں جہیز مردوں کا حق ہو جاتا ہے، اسلام نے عورتوں کی جسمانی (فزیکلی) کمزوری کا اندازہ لگا کر انہیں خاوند اور اولاد کے علاوہ، خاندان کے دوسرے افراد کی خدمت سے مبرا رکھا ہے، یہاں تک کہ عورت پر گھر کے کام و کاج کی ذمہ داری بھی عائد نہیں ہوتی، ایسے مثالی حقوق و اختیارات کے باوجود مسلم عورتیں اگر آج پسماندگی کا شکار ہیں اور ان سے ہمدردی کے جاوبے جا اظہار کی ضرورت پیش آ رہی ہے تو اس کی ایک وجہ تو وہی ہے جو پہلے بیان کی گئی یعنی مسلم قوم کی عام غریبی، مسلم عورتوں کو با اختیار و طاقتور بنانے کے ساتھ ساتھ عام مسلم مردوں کی بدحالی کی فکر بھی ہونا چاہئے، ان کے بھوکے پیٹ، کمزور جسم اور تعلیم سے محروم بچوں کا خیال بھی ضروری ہے کیونکہ اس سچائی سے انکار نہیں کیاجاسکتا کہ جب تک عام مسلمانوں کا حال درست نہیں ہو گا، ان کا معیار زندگی بہتر نہ بنے گا، نہ ان کی عورتوں کی حالت سدھرے گی ، نہ وہ اپنے بال بچوں کو پڑھا لکھا سکیں گی۔
آج یہ حقیقت تسلیم کرلی گئی ہے کہ جن فرقوں یا نسلی گروہوں میں آبادی بڑھنے کا تناسب زیاد ہ ہے، اس کی وجہ عام طور پر ان کی غریبی ہوتی ہے، جس کو دور کیا جانا چاہئے، مسلم عورتوں سے ہمدردی جتانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ایک سے زیادہ شادی کی مسلم پرسنل لا میں جو اجازت ہے، اس پر انگلی اٹھائی جائے لیکن دوسرے سماجوں خاص طور پر پچھڑے آدےباسیوں یا اسی طرح کے دوسرے طبقوں میں یہ رواج مسلمانوں سے کہیں زیادہ ہے جس کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ ابھی حال میں ریاست گجرات کے بارے میں ایک سروے سب کے لئے باعث حیرت ثابت ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے وہاں دوسری بیوی رکھنے کا تناسب دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں ہندوؤں میں کافی زیادہ ہے۔
میں یہاں دوسروں کی مثال نہیں دیتا صرف اپنا تجربہ بیان کرتا ہوں کہ میرا خاندان جو بھوپال شہر کا ایک کافی بڑا خاندان ہے، اس کے ممبروں کی تعداد آج تین ہزار سے کم نہیں ہو گی، اس خاندان کی سوسالہ تاریخ میں صرف دو مثالیں ایسی سامنے آئی ہیں جن میں ہمارے خاندان کے مردوں نے ایک سے زیادہ یعنی دو بیویاں بیک وقت رکھی ہیں ، اس لئے یہ سوچنا مجھے صحیح نہیں محسوس ہوتا کہ مسلم عورتوں یا مردوں کی بدحالی میں ایک سے زیادہ بیویاں رکھنے کا بھی کوئی حصہ ہے۔
مسلم خواتین کے پچھڑے پن کی دوسری وجہ ان کی غریبی سے پیدا ہونے والی جہالت ہے، اس کی وجہ سے وہ اپنے مذہب کی روشن تعلیمات سے دور ہیں ان کے کام عموماً اسلام اور اس کے ضابطوں کے عام طور پر خلاف ہوتے ہیں ، اگر مسلمان اپنے مذہب پر آج کاربند ہو جائیں اور اس کی اخلاقی قدروں کو اپنا لیں تو جہاں اس سے ان میں خواندگی بڑھے گی کیونکہ اسلام نے تعلیم پر سب سے زیادہ زور دیا ہے وہیں سماج میں عورتوں کے اہمیت میں بھی اضافہ ہو گا، آج قانون ساز اداروں میں خواتین کے لئے ریزرویشن کا مطالبہ ہو رہا ہے اور اس بارے میں دلیل یہ دی جا رہی ہے کہ ہندوستان کے ڈیموکریٹک سسٹم میں ان کو پورا حق نہیں مل پا رہا ہے، مگر عام عورتوں کے مقابلہ میں مسلم عورتوں کی پس ماندگی کسی سے چھپی نہیں ہے تو پھر ان کے لئے بھی ایسے انتظام پر غور کیوں نہیں کیا جاتا کہ وہ بھی اپنی آبادی کے تناسب سے چن کر پارلیمنٹ ، اسمبلی اور پنچایتوں میں پہونچ سکیں کیونکہ عام عورتوں کیلئے ریزرویشن کا فائدہ مسلم عورتوں کو ملنا موجودہ حالات میں ناممکن نہیں تو دشوار ضرور ہے، میرا تو یہ بھی کہنا ہے کہ آزاد ہندوستان میں ہمدردی کی مستحق مسلم خواتین ہی نہیں عام عورتیں بھی ہیں ، ان کے مسائل اور عام عورتوں کے مسائل میں کوئی بنیادی فرق نہیں ہے، ہمارے سماج میں عورتوں کو نظر انداز کرنے کی روایت صدیوں پرانی ہے اور آج اس کے نئے نئے طریقے سامنے آرہے ہیں ، یہاں لڑکی کے ساتھ اس کی پیدائش سے پہلے بدسلوکی شروع ہو جاتی ہے ، بہت سی لڑکیوں کو ماں کے پیٹ میں ہی قتل کر دینا اب کئی گھرانوں کا رواج بن گیا ہے جس کی وجہ سے عورتوں کی آبادی کم ہو رہی ہے اس کے علاوہ بچپن سے لے کر جوانی تک لڑکیوں کی دیکھ بھال ان کی تعلیم ، صحت اور ترقی و بہتری کے مختلف پہلوؤں کو نظر انداز کر دینے کی روایت عام ہے، اس میں ہندو مسلم کی قید نہیں ، تامل ناڈو اور راجستھان کی بعض برادریوں میں پیدا ہوتے ہی لڑکی کو مار دیا جاتا ہے، بچپن میں شادی کی روک تھام کے قانون کے باوجود شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں یہ رسم آج بھی پھل پھول رہی ہے، بہت سے کنبوں میں لڑکیوں کی تعلیم کو یہ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے کہ لڑکی کو تو دوسرے خاندان میں جا کر گھریلو عورت کی ذمہ داریاں سنبھالنا ہے لہذا اس کو اسکول بھیجنا فضول ہے، اس حقیقت کو وہ کنبے نظر انداز کر دیتے ہیں کہ تعلیم حاصل کر کے ان کی بیٹی ایک اچھی بیوی اور ماں بن سکتی ہے۔ ہندوستانی سماج میں جہیز کی روایت اسی بات کو ظاہر کرتی ہے کہ عورت مرد سے کمتر ہے، ا س بری رسم کی وجہ سے دلہنیں آگ کا ایندھن بن رہی ہیں ، عورت کی حیثیت فریج، ٹی وی، اسکوٹر اور کار سے بھی کم ہو گئی ہے جس کے جہیز میں نہ ملنے سے اسے خودکشی پر مجبور کر دیا جاتا ہے۔
ایسا نہیں ہے کہ ہمارے سماج نے جہیز، ستی، تلک اور عصمت دری جیسی سماجی برائیوں کی روک تھام نہ کی ہو، جو عورتوں کو دوسرے درجہ کا شہری بنا دیتی ہیں ، آزادی کے بعد متعدد قانون بنائے گئے، جن کا مقصد عورتوں کے ساتھ جانبداری کو ختم کرنا تھا لیکن اگر قانون بنانے سے ہی عورتوں کا رتبہ بلند ہو جاتا تو آج ان کی صورت حال اچھی ہوتی۔ اب تک کے تجربہ سے معلوم ہوتا ہے کہ قانون اسی وقت کامیاب ہوتا ہے جب اس کے بارے میں سماج میں بیداری پیدا ہو۔
کوئی ملک اور سماج کتنے مہذب معاشرہ کا حامل ہے، اس کا اندازہ چار باتوں سے لگایاجاسکتا ہے، اتفاق سے یہ چاروں باتیں عورت سے متعلق ہیں ۔ پہلی بات آبادی یعنی مردوں اور عورتوں کا تناسب کیا ہے؟ دوسری بات عورتوں میں خواندگی کتنی ہے؟ تیسری زچگی کے دوران کتنی عورتیں موت کا شکار ہو جاتی ہیں ؟ چوتھی زچگی کے لئے سہولتیں کیا کیا ہیں ؟ افسوس یہ ہے کہ ہندوستان میں ان چاروں باتوں کے باری میں وہ سمجھ پیدا نہیں ہوسکی جو ضروری تھی لہذا عورت کسی فرقہ اور مذہب سے تعلق رکھتی ہو اس کے مسائل و مشکلات ایک جیسی ہیں اور ان پر ایک ساتھ توجہ دینا چاہئے اور اس بارے میں صرف قانون بنادینا یا ان میں تبدیلی لانا کافی نہ ہو گا کیونکہ جو قانون موجود ہیں اگر ان کا صدق دلی سے نفاذ ہو جائے تو آج صورت حال بہتر ہوسکتی ہے۔
٭٭٭
آرائش حسن
عندلیب آمنہ
منہ کی صفائی:
سانس میں خوشبو پیدا کرنے کے لئے ضروری ہے کہ منہ ہمیشہ صاف ستھرارہے یعنی دانت اور مسوڑھے ہمیشہ صاف ستھرے رہیں ۔
مسوڑھوں سے خون :
٭مسوڑھوں سے خون آنے کو کنٹرو ل کرنے کے لئے سورج مکھی کے بیجوں کا استعمال کریں کیونکہ اس میں وٹامن اے کافی مقدار میں ہوتا ہے۔اس کے علاوہ فاسفورس کلورائیڈ اور کیلشیم بھی ایسے مسوڑھوں کو کنٹرول کرتے ہیں جن سے خون آتا ہے اور دانتوں کو مضبوط کرتے ہیں ۔
٭پیپر منٹ کی اسپرٹ کے چند قطروں کو اگر ایک گلاس پانی میں ملا لیا جائے تو وہ منہ کو نہایت تر و تازہ اور صاف کر دیتے ہیں ۔عرق گلاب سے کلیاں کی جائے تواس سے منہ صاف ہو جاتا ہے اور منہ میں خوشبو پیدا ہو جاتی ہے۔ایسی غذا کا استعمال کریں جس میں کلوروفل کافی مقدار میں موجود ہو۔کلوروفل وہ سبز مادہ ہے جو درختوں اور پتوں میں پایا جاتا ہے۔چقندر،شلجم اور مولی میں کلوروفل کافی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ان کو سبزیوں کے عرق میں شامل کر لیں ۔
پھٹے ہوئے ہونٹ:
پھٹے ہوئے ہونٹوں کے لئے دو چمچ شہد کو عرق گلاب کے چند قطروں میں ملا لیں ۔رات کو سونے سے پہلے ہونٹوں پر لگا لیں ۔
گردن کی جلد کو نرم اور سفید کرنا:
٭رات کے وقت جلد کی نشو نمائی کی کریم اپنی گردن اور حلق پر انگلیوں کی اوپر کی جانب سے لگائیں ۔اس کے علاوہ گردن کی جلد کو سفید اور نرم کرنے کے لئے آپ تین چمچ پراکس پاؤڈر اور دو چمچ گلیسرین کو دو پیالہ عرق گلاب میں ملا لیں اور یہ لوشن آپ کندھوں اور بازوؤں پر بھی لگاسکتے ہیں ۔
گردن کی ورزشیں :
آہستہ آہستہ سانس لیں اور اپنی گردن کو جھکا کر سینہ تک لے آئیں ۔پھر سرکو آہستہ آہستہ سے اونچا کریں اور پیچھے کی جانب جسقدر بھی جھکاسکتے ہیں جھکائیں ۔یہ عمل کم از کم دس مرتبہ کریں ۔دوسری ورزش یہ ہے کہ گہری سانس لیں اور گردن کو بائیں جانب کندھوں اور جسم کو حرکت دیئے بغیر گردن کوجس قدر موڑ سکتے ہیں موڑ لیں ۔ایسا ہر روز کم از کم دس مرتبہ کریں ۔
گردن اور کندھوں کے لئے کریم :
٭رات کو لگانے کے لئے آپ لینو لین اور مکھن کی برابر مقدار ملا کر ان دونوں چیزوں کو ایک برتن میں کھولتے ہوئے پانی میں ہلائیں ۔اس کریم کو اپنی گردن اور کندھوں سے اوپر کی جانب ملیں ۔کریم کو رات بھر لگا رہنے دیں اور صبح کو دھو ڈالیں ۔ان کریموں اور لوشنوں کے علاوہ کچھ سادہ سی ورزشوں کے ذریعے بھی آپ اپنی گردن کو اچھی شکل و حالت میں رکھ سکتے ہیں ۔
آسان گھریلو نسخے
سارہ الیاسی
ذیل میں چند ایسے آسان گھریلونسخے تحریر کئے جا رہے ہیں جن پر عمل کر کے بہت سی روز مرہ دشواریوں پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ان کی حیثیت کسی قاعدہ کلی کی نہیں ہے بلکہ تجربات کی بنیاد پر ہے۔لہٰذا مخصوص حالات میں متعلقہ ماہرین سے رابطہ قائم کرنا ضروری ہو گا:
٭ابلتے ہوئے دودھ کو گرنے سے بچانے کے لئے اس دیگچی کو جس پر دودھ ابالا جائے اس کے کنارے پر تھوڑا سا گھی یا مکھن لگا دیں تو ابلتے وقت دودھ نیچے نہیں گرے گا۔
٭بچوں کے فیڈر کی نپل میں بعض اوقات چکنائی جم جاتی ہے جس کی وجہ سے دودھ پینے میں دشواری ہوتی ہے۔ اس دشواری کا آسان حل یہ ہے کہ نپل میں دو چٹکی نمک ڈال کر دس منٹ تک کے لیے رکھ دیں بعد میں نیم گرم پانی سے دھوئیں ، بالکل صاف پائیں گے۔
٭دہی جمانے سے پہلے دودھ کو ابال کراس میں دو ہری مرچ ڈال دیں اور آدھے گھنٹے کے لئے رکھ چھوڑئیے اور پھر دیکھئے دہی جلد اورسخت جمے گا۔
٭کچن میں کھانا بناتے ہوئے خوشبو اکثرسارے گھر میں پھیل جاتی ہے اس کو روکنے کا طریقہ یہ ہے کہ ایک پیالی سفید سرکہ چولہے کے پاس رکھ دیں خوشبو نہیں پھیلے گی۔
٭باسی چاول تازہ کرنے کے لئے پانی ابالیں اس میں چاول ڈال دیں ایک ابال کے بعد پانی نکال دیں اور دم پر رکھ دیں ۔
٭لیموں سے زیادہ رس حاصل کرنے کیلئے ایک دو منٹ تک نیم گرم پانی میں بھگو دیں پھر اس کا رس نکال دیں پھراس کارس دوگنا حاصل ہو گا۔
٭نمک دانی میں چاول کے چار پانچ دانے ڈال دیں تواس میں نمک نہیں جمے گا۔
٭چائے کے پانی کو اگر زیادہ کھولایا جائے تو چائے بدمزہ ہو جاتی ہے۔
٭ سر کے اور پانی سے شیشے کی بوتلیں اور صراحیاں خوب صاف ہو جاتی ہیں ۔
٭چاقو کی صفائی کچا آلو کاٹ کر چاقو پر ملنے سے چاقو صاف ہو جاتا ہے۔
٭ سیاہ بوٹ پالش میں ذراسا سر کہ ملا دیا جائے تو جوتوں پر خوب چمک آ جاتی ہے۔
٭چہرے کے داغ دھبے دور کرنا:ایک گلاس پانی لے کر دو عدد لیموں کارس اس میں ملا دیں پھر اس آمیزے کو برف جمانے والی ٹرے میں جما لیں پھر روزانہ ایک ٹکڑا نکال کر چہرے پر ملیں ۔ چہرہ صاف ہو جائے گا۔
٭پلاسٹک کے برتنوں کی صفائی :کثرت سے استعمال کے بعد پلاسٹک کے برتنوں ، بوتلوں پر کچھ داغ پڑ جاتے ہیں چکنائی جم جاتی ہے۔ اس کے لئے ایک بڑے سے ٹب میں برتنوں کے حساب سے دو چار چمچ کپڑے دھونے والا سوڈ ڈال کر تیز گرم یا پانی میں بھگو دیں ، ایک گھٹنے وغیرہ پر بھی آزماسکتے ہیں ۔ نتائج حیران کن ہوں گے۔
٭نکسیر کا علاج:اگر آپ کو نکسیر کی بیماری ہے تو آپ آملے کو ایک دن کے لیے پانی میں بھگو دیں ۔ اس کے بعد اس پانی کے چار قطرے روزانہ ناک میں ڈالیں تو آرام آئے گا۔ اور جب نکسیر بہے تو پیاز کا ٹ کر ضرور سونگھئے‘اللہ آرام ملے گا۔
٭پاؤں کا پسینہ کم کرنے کی ترکیب :اگر آپ کی جلد چکنی ہے یا آپ کے پاؤں میں بہت پسینہ آتا ہے تو گرم پانی میں سرکہ یا لیموں کا عرق ملا کراس سے پاؤں دھوئیں ۔ پسینہ آنا کم ہو جائے گا۔
٭دیسی گھی سے بو دور کرنا:بعض دفعہ دیسی گھی سے کھٹی لسی وغیرہ کو بو آتی ہے۔ اس کو دور کرنے کے لئے تقریباً ایک کلو گھی میں دو کھانے کے چمچ سو کھا آٹا ڈال کر پکائیں ۔ پھر چھا ن کراستعمال کریں کسی بھی قسم کی بو باقی نہیں رہے گی۔
٭ برتن چمکائیں : گلاس اوراسٹیل کے برتن صاف کرنا بعض اوقات بہت مشکل ہوتا ہے۔ اس کیلئے گندم کا آٹا چھاننے کے بعد بچ جانے والا چھلکا ضائع مت کریں ۔ اس سے گلاس اوراسٹیل کے دیگر برتن دھوئیں اور پھر ان کی چمک دیکھیں ۔
٭ تازہ چپاتی چپاتیوں کو ڈبہ میں بند کرتے وقت اس میں تھوڑی سا ادرک رکھ دیں ۔ چپاتی نرم اور تازہ رہیں گی۔
٭ہچکی روکنے کے لئے :اگر آپ ہچکی کو فوراً روکنا چاہتے ہیں تو ایک سبز الائچی اچھی طرح چبا کر نگل لیں اور فوراً ٹھنڈے پانی کا ایک گلاس پی لیں تو ہچکیاں بند ہو جائیں گی۔
٭دہی کو زیادہ دن استعمال کرنا:دہی کو زیادہ دن تک استعمال کرنے کے لئے کچے ناریل کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے دہی میں ڈال کر رکھ دیں تو دہی 4 سے 5 دن تک ویسے ہی تازہ رہے گا۔
٭بال محفوظ رکھنے کی ترکیب :سیکا کائی ، ماش کی دال اور میتھی سل پر باریک چٹنی کی طرح پیس لیں ۔ اسے بالوں میں لگائیں ‘اس سے بال جھڑنا بند ہو جائیں گے۔ بالوں کا سفید ہونا بھی رک جائے گا اور بال چمکدار ہو جائیں گے۔
٭ پنیر کو ٹوٹنے سے بچائیں : پنیر کو گرم پانی میں ڈال کر تھوری دیر رکھ دیں اور پھر اس کوکسی بھی چیز میں ڈال کر پکائیں پنیر ٹوٹتا نہیں ہے۔
٭زہریلی چیز کا شک دور کرنا کھانا پکاتے ہوئے اگر آپ کو یہ شک ہوکہ کھانے میں کوئی زہریلی چیز پڑ گئی ہے تو ایک چمچ مشکو ک کھانا لے کر آگ میں ڈالیں اگر اس میں سے نیلے رنگ کے شعلے نکلیں تو سمجھ لیں کہ کھانا زہریلا ہو گیا اور کھانے کے قابل نہیں ہے۔
٭آئیڈیل بیکنگ کیک بنانے کے لئے ہمیشہ انڈے کی سفیدی علیحدہ اور زردی الگ سے پھینٹیں ۔ لکڑی کا چمچہ استعمال کریں سیفدی خوب جھاگ بن جائے اور برتن الٹانے پر نہ گرے تو کیک خوب پھولا ہوا ہوا بنے گا۔ میدے کو دو تین مرتبہ اچھی طرح اور ہلکا ہلکا ٹیبل پر پٹخیں تو ہوا کے بلبلے نکل جائیں گے اور کیک عمدہ بنے گا۔
٭ہاتھوں سے مرچ کی جلن دور کرنے کے لیے گیہوں کا آٹا تھوڑا ساہاتھوں پر صابن کی طرح مل لیں ۔ پھر پانچ منٹ بعد ہاتھ دھولیں ۔اگر آگ سے جل جائے تو ٹوتھ پیسٹ لگا لیں جلن دور ہو جائے گی۔
٭ المونیم کی چیزوں پر سے داغ دور کرنے کے لیے پسا ہوا نمک پہلے خشک اور پھر گیلا کر کے رگڑیں ایسا کرنے سے چند منٹ بعد داغ دور ہو جائے گا اس سے المونیم وغیرہ کی اشیاء پہلے کی طرح چمکنے لگیں گی۔
٭فریج سے بد بو کا ختم کرنا اگر آپ کے فریج میں کسی بھی قسم کی بدبو آتی ہو تو ایک پیالی میں سرکہ ڈال کر فریج میں رکھ دیں ، بد بو ختم ہو جائے گی۔
٭پیاز کاٹتے وقت آنکھوں سے پانی ختم کرنا: جتنی پیاز استعمال کرنی ہوں انھیں رات کو پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر اچھی طرح تھیلی بند کر کے فریج میں رکھ دیں ۔ انہیں کاٹتے وقت آنکھوں سے پانی نہیں بہے گا۔
٭منہ کی بدبو دور کرنا:رات کو ایک چٹکی نمک لے کر اس میں دو قطرے سرسوں کا تیل اچھی طرح سے ملا لیں ، انگلی سے دانتوں پر خوب اچھی طرح سے ملیں منہ کو جھکا لیں تاکہ پانی نکل جائے۔ بغیر کلی کئے سوجائیں ،پانی بالکل نہ لگائیں ۔ اس سے دانت بہت صاف اورمسوڑھے مضبوط ہو جائیں گے۔
٭٭٭
کیسے کی جائے بچوں کی دیکھ بھال؟
سارہ الیاسی
چھوٹی سے چھوٹی مشینری سے لے کر آسمان میں اڑنے والے جہاز تک مستقل توجہ اور دیکھ بھال کے محتاج ہوتے ہیں جبکہ انسان کو پیچیدہ ترین مشین تسلیم کیا گیا ہے لہٰذا اس کی مناسب دیکھ بھال کئے بغیر اس کے درست چلنے کی توقع کرنا عبث ہے۔انسان کا ابتدائی زمانہ بچپن کہلاتا ہے۔اس زمانے میں اس کی اندرونی اور بیرونی نشو و نما بنیادی رکھتی ہے۔والدین بننا بیشک ایک خوشگوار تجربہ ہے جبکہ بچے کی غذائی ضروریات کا خیال رکھنا ماں کا اولین فریضہ ہے۔ عام طور پر بچہ رو کر اپنی بھوک کا اظہار کرتا ہے اور اسے کسی مخصوص ٹائم ٹیبل کے مطابق غذا نہیں دی جا سکتی لہذا اس بارے میں ہر وقت محتاط رہیں ۔ نومولود کی صفائی ستھرائی کا بھی خیال رکھیں کیونکہ صاف ستھرا بچہ ہی صحت مند رہتا ہے، بیمار ہونے کی صورت میں ڈاکٹر سے فوری مشورہ کریں تاہم پہلے کسی بزرگ سے بات کریں کیونکہ نانی یا دادی کے پاس اس حوالے سے مفید معلومات ہوتی ہیں ۔
٭ ماں کی بھر پور توجہ بچے کیلئے از حد ضروری ہے۔ماں دیکھ بھال کرنے والی ہو گی تو وہ بچے کی ضروریات کا ہمہ وقت خیال رکھے گی۔ زیادہ بہتر یہ ہے کہ ماں بچے کو اپنا دودھ پلائے اور کسی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو تو ڈبے یا گائے اور بھینس کا دودھ استعمال کرواتے ہوئے صفائی کا بہت زیادہ خیال رکھیں کہ فیڈر مناسب انداز سے گرم پانی میں ابال کر جراثیم سے پاک کریں اور دودھ پلانے کے فوری بعد فیڈر کو اچھی طرح دھو کر رکھے اور اس میں دودھ بچ گیا ہو تو اسے کسی برتن میں نکال لیا جائے۔ فیڈر کے نپل کو زیادہ پرانا نہ ہونے دیں اور اس میں چپچپاہٹ محسوس ہونے سے پہلے ہی تبدیل کر دیں اور مکھیاں قطعی نہ لگنے دیں ۔
٭نومولود کی نگہداشت کیلئے ضروری ہے کہ ماں کو بچے کی چھوٹی چھوٹی تکلیف کا اچھی طرح علم ہو۔ چھوٹے بچوں میں پیٹ کا درد، اپھارہ اور دستوں کی بیماریاں عام ہیں جو کہ بے احتیاطی یا صفائی کے فقدان کے باعث ہو سکتی ہیں ۔ پیٹ کے درد کی صورت میں چنے کے برابر جائفل پیس کر شہد میں ملائیں اور بچے کو چٹا دیں ۔ سینہ جکڑنے کی صورت میں بھی یہی عمل دو سے تین مرتبہ دہرائیں ۔ اگر پیٹ میں درد کا سبب دست ہیں تو جائفل کی بجائے سفید زیرہ بھون کر پیس لیں اور شہد کے ساتھ استعمال کرائیں ۔ پہلی سردیاں بچوں کیلئے خاصی خطرناک ہوتی ہیں ۔ لہذا ان سے بچا کیلئے دیسی انڈے کی زردی پھینٹ لیں ۔ اور ایک چائے کا چمچ بھر کر پانچ اونس دودھ میں ملائیں ۔ تین دن تک نہار منہ استعمال سے ٹھنڈ کا اثر نہیں ہو گا لیکن بچے کی عمر تین ماہ سے زائد ہو کیونکہ اس سے کم عمر بچے کیلئے انڈہ نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
٭چھوٹے بچوں کو جہاں تک ممکن ہو چوٹ سے بچائیں کیونکہ نوزائیدہ کیلئے ہلکی سی چوٹ بھی مہلک ثابت ہو سکتی ہے۔ زیادہ بہتر ہو گا کہ بچہ پالنے یا جھولے میں آرام کرے جہاں سے گرنے کا اندیشہ نہیں ہوتا ہے۔ تاہم عام بستر پر لٹائیں تو دونوں اطراف تکیہ رکھ کر رکاوٹ لگا دیں تاکہ لڑھک کر نیچے گرنے کا احتمال نہ ہو۔ چھوٹے بچوں کو گود میں نہ دیں جو کہ اسے سنبھال نہ سکیں ۔
٭بچوں کو موسم کے مطابق کپڑے پہنائیں ، گرمی کے موسم میں ہلکے پھلکے اور سردی میں موٹے اور گرم کپڑے استعمال کرنا زیادہ بہتر ہوتا ہے لیکن سردیوں میں بھی اس بات کا خیال رہے کہ بہت زیادہ گرم رکھنا بھی ٹھیک نہیں ہوتا ہے جیسے کہ اگر ہوا سے بچا نے کیلئے ٹوپی پہنائی ہوئی ہے تو موزے نہ پہنائے جائیں اور اگر پہنانا مقصود ہے تو وہ اونی یا زیادہ گرم نہ ہوں ۔ گھر سے باہر جاتے وقت بچے کو اچھی طرح ڈھانپ لینے میں کوئی ہرج نہیں ہے لیکن گھر میں اپنے بستر پر موجود شیر خوار کو بہت زیادہ کپڑے اور سویٹر نہ پہنائیں کیونکہ اس طرح بھی اس کی طبیعت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔
٭ماں کو بچے کی نگہداشت کے ساتھ ہی اپنی صحت کا خیال بھی رکھنا چاہیے۔ ڈبے کے دودھ سے پرہیز کر کے اپنا دودھ پلانا چاہیے۔ جس سے بچہ صحت مند رہتا ہے اور ماں بھی چھاتی کے سرطان سے محفوظ رہتی ہے۔ ماں کا دودھ نہ صرف بیماریوں کے خلاف دفاعی نظام کو مضبوط کرتا ہے بلکہ اس میں ماں کی مامتا جیسے انسان دوست جراثیم بھی ہوتی ہیں ۔ گاہے بگاہے اپنا اور اپنے بچے کا طبی معائنہ از حد ضروری ہے۔ نیز ماں اپنی خوراک کا بھی بہت زیادہ خیال رکھے جسے اپنے شیر خوار کی غذائی ضرورت پوری کرنا ہوتی ہے۔
٭چھوٹے بچوں میں دانتوں کا نکلنا ایک ایسا مرحلہ ہوتا ہے جب کافی مسائل پیدا ہوتے ہیں کسی حکیم یا پنساری سے سہاگہ لے کر اسے توے پر کھل کرنے کے بعد پیس کر رکھ لیں اور جب دانت نکلنے کا عمل شروع ہو تو چٹکی بھر سہاگہ شہد میں ملا کر بچے کے مسوڑھوں پر لگائیں ، بغیر کسی تکلیف کے دانت نکلیں گے۔ سہاگہ استعمال کرنے سے بچوں کے پیشاب میں چیونٹے بھی نہیں لگتے۔ اکثر نومولود پیٹ میں درد یا اپھارے کی حالت میں گھٹنے سکیڑ کر روتے ہیں ، یہ کیفیت قبض کی نشاندہی کرتی ہے۔ لہذا ایسے میں فوری طور پر نیم گرم کسٹرآئل کی پیٹ پر مالش کریں یا فیڈر سے دودھ پینے والے بچوں کے دودھ میں ایک چائے کا چمچ زیتون کا تیل ملا دیں ۔ اگر ماں کا دودھ پیتا ہے تو ایک چائے کا چمچ گھٹی استعمال کرائیں ، پیٹ بالکل صاف ہو جائیگا۔
٭ نئی ماں کو اس کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ بچے کا بستر گیلا نہ رہے خاص طور پر رات کے اوقات میں کیونکہ زیادہ تر بچوں کو ٹھنڈ اسی وجہ سے لگتی ہے۔ بستر کے گیلے پن کیسبب بچے کو سردی بھی محسوس ہوتی ہے اور وہ مسلسل بے چینی و بے اطمینانی محسوس کرتا ہے۔ بچے کی نیپی یا پیمپر وقتاً فوقتاً چیک کرنا بہتر رہتا ہے کیونکہ اس سے صفائی کے تقاضے بھی پورے ہوتے ہیں اور بچہ پر سکون نیند سوتاہے۔
٭بچے کے ہاتھوں پر خاص توجہ دی جائے کیونکہ تین ماہ کے بعد وہ منہ میں ہاتھ ڈالنا شروع کرتا ہے۔ لہذا اس کے ہاتھوں کو کسی اچھے بے بی سوپ Baby Soapسے دھویا جائے۔ نظر بد سے بچانے کیلئے بچے کے گلے اور ہاتھوں میں کالے دھاگے باندھنے سے گریز کیا جائے۔ کیونکہ ہفتوں اور مہینوں تک ہاتھوں اور گلے میں بندھے کالے دھاگے پر لاکھوں جراثیم پیدا ہو جاتے ہیں اور جب بچہ ان دھاگوں کو منہ میں لیتا ہے تو یہ بیماری کا باعث بنتے ہیں ۔ اسی طرح چار پانچ ماہ کی عمر میں بچہ اپنے پاں کے انگوٹھوں کو بھی منہ میں لینے لگتا ہے۔ لہذا ہر بار پیشاب یا پاخانے سے فراغت کے بعد بچے کے پیروں کو اچھی طرح صابن سے دھولیں ۔
٭بچے کو بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ ہلکی پھلکی ورزش بھی کرانا چاہئے تاکہ وہ بستر پر پڑا رہ کر سستی اور کاہلی کا شکار نہ ہو جائے۔ عموما ً یہ خیال کیا جاتا ہے کہ بچے صحت مند ہو رہے ہیں لیکن وہ تیزی سے فربہی کی جانب مائل ہوتے ہیں اور ورزش اس سے بچا کا بہترین طریقہ ہے۔ شیر خوار کو ٹی وی اور کمپیوٹرا سکرین کی شعاعوں سے بھی دور رکھیں کیونکہ ان کی نازک جلد اس کے مضر اثرات بہت جلد قبول کر لیتی ہے۔
٭شیر خوار کو موسم کے مطابق روشن اور ہوا دار کمرے میں رکھیں ۔سردیوں میں دھوپ سے سنکائی بھی بہتر ہوتی ہے تاہم دھوپ میں لٹانے سے بچے کا رنگ و روپ متاثر ہو سکتا ہے۔
٭بچے کو بستر پر لٹاتے وقت اس کا سر قدرے اونچا رکھیں ۔ تیز روشنی، کسی ایک کروٹ سلانے، تنگ کپڑے پہنانے یا اکیلا چھوڑنے سے گریز کریں اور زیادہ بہتر ہے کہ پالتو جانور گھر میں نہ رکھے جائیں ۔ بچے کو ہر روز نہلائیں ، باقاعدگی سے مالش کریں ، طہارت کا خیال رکھیں ۔
٭ نوزائیدہ کے ابتدائی دن انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں لہذا نئی ماں کو ان دنوں خاصا محتاط رہنا چاہئے۔ ہر طرح کے مشوروں پر بلا سوچے سمجھے عمل نہ کریں اور نہ ہی ٹوٹکوں پر بھروسہ بلکہ فوری طور پر کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں کیونکہ ابتدائی دنوں کی بیماریاں تشخیص و علاج کیلئے بہت زیادہ مہلت نہیں دیتی ہیں ۔
٭بچے کو فیڈ کرانے کے بعد اس کو کندھے سے لگا کر سہلاتے ہوئے ڈکار دلائیں ۔ڈکار نہ دلانے کی وجہ سے شیر بچہ جو دودھ الٹی کر دیتا ہے جوہ پھیپھڑوں میں واپس پلٹنے سے کوئی حادثہ بھی ہو سکتا ہے۔ بچے کو کھیل ہی کھیل میں اچھالنے سے گریز کریں کیونکہ یہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ بلی، کتے یا ان دیکھی قوتوں کے نام لے کر ڈرانے سے بچے کے اعصاب کمزور ہو جاتے ہیں اوراس کے دل میں خوف بیٹھ جاتا ہے۔ جب بچہ چلنا شروع کر دے تو آگ‘ بجلی کے آلات اور دیگر مضر چیزوں کے قریب نہ جانے دیں اور اسے پیار یا محبت میں جھنجھوڑنے سے گریز کریں ۔ عمر کے لحاظ سے بچے کا وزن کرواتی رہیں ۔بہتر ہے کہ حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی فوری مکمل کرائیں ۔
٭ اپنی اندرونی تحریک پر اعتبار کریں کیونکہ تجربہ ہی سب سے بڑا استاد ہوتا ہے جو یہ بتاتا ہے۔ کہ کون سا کام کب اور کس طرح کرنا ہے۔ اپنے اور بچے کے درمیان فاصلہ مت رکھیں اور اس کی جذباتی ضرورتوں کو سمجھنے کے ساتھ Immunization کا باقاعدہ ریکارڈ رکھیں ۔
٭نومولود کو گود میں لیتے وقت سر کے پچھلے حصے پر ہاتھ ضرور رکھیں کیونکہ اس کی گردن کی ہڈی اس وقت کمزور ہوتی ہے۔ کسی بھی حالت میں اسے بازوں سے پکڑ کر نہ اٹھائیں ۔ اور نہ ہی زور زور سے اچھالیں ۔ سرسوں یا زیتون کے تیل سے ہلکے ہاتھوں کی مالش سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں ۔بچے کی ناف اگرچہ خود بخود جھڑ جاتی ہے لیکن اس کی بہت زیادہ حفاظت کریں ۔
٭ پہلی مرتبہ ماں بننے والی خاتون کو اپنے بچے کی نگہداشت مسلم ماں ہونے کے ناطے اسلامی اصولوں کے تحت کرنی چاہئے۔
٭شیر خوار بچوں کو کسی بھی موسم میں نہلانا از حد ضروری ہوتا ہے لیکن ہمیشہ اس بات کا خیال رہے کہ نہلاتے وقت کان یا ناک میں پانی نہ چلا جائے۔ چھوٹے بچوں کو ٹھنڈے پانی سے کبھی نہ نہلائیں کیونکہ اس سے دماغی سرسام یا کم از کم ٹھنڈ لگ جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں بچے کو ایسی جگہ پر نہ نہلائیں جہاں ہوا کا عام گزر ہو اور نہ ہی نہلانے کے فوری بعد پنکھے کی ہوا میں لے آئیں جس سے بیماری کا خطرہ ہوتا ہے۔
٭نئی مائیں بچوں کی نگہداشت کیلئے گھر کے بزرگوں سے مشورہ کرتی رہیں جبکہ بچے کی عمر بڑھنے کے ساتھ ہی اس کی خوراک میں تبدیلی لائیں اور اسے ٹھوس غذا کا استعمال کرائیں ۔ کوشش کریں کہ بچے سے باتیں کریں تاکہ وہ آپ سے جلد مانوس ہو جائے اور اس کا ہاتھ پکڑ کر تحفظ کا احساس دلائیں ۔ اگر بچہ سو رہا ہو تب بھی رات کو آنکھ کھلنے پر اسے دیکھتی رہیں جبکہ دن میں دیگر مشغولیات میں اسے نظر انداز نہ کریں کیونکہ چھوٹا بچہ اپنی تکلیف کے بارے میں نہیں بتا سکتا ہے لہذا اس کے رونے سے اس کی تکلیف کا اندازہ لگائیں ۔
٭ بچے کو سونے کیلئے آرام دہ بستر مہیا کیا جائے اور اس بات کا دھیان رہے کہ شور شرابہ نہ ہو کیونکہ اس طرح بچے ڈسٹرب ہو جاتے ہیں اور ایک مرتبہ نیند ٹوٹ جائے تو وہ دوبارہ بہت مشکل سے آتی ہے۔
٭٭٭
ہم کیوں پہنیں زیورات ؟
ایس اے ساگر
یوں تو زیورات پہننے کی تاریخ100,000 سالہ قدیم بتائی جاتی ہے لیکن جدید دور نے خواتین کو مردانہ پن کی طرف ایسا دھکیلا ہے کہ انھیں زیورات تو درکنار ہاتھوں میں چوڑیاں ‘کان میں بندے اور ناک میں لونگ پہننا گویا عار بن گیا ہے۔ایک زمانہ تھا جب پاؤں میں پازیب کی غیر موجودگی خواتین کو سخت گراں گزرتی تھی۔ انگلیوں میں انگوٹھی پہننے کا رواج اتنا عام تھا کہ منگنی کا تصور انگوٹھی کے بغیر مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن تھا جبکہ دور حاضر میں تحائف میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور زیورات کا استعمال اپنی کشش کھوتا جا رہا ہے۔ بازار میں بکنے والے زیورات گھروں میں تجوریوں کی زینت بنتے ہیں یا پھر تقریبات میں شان بگھارنے کا ذریعہ قرار پاتے ہیں ۔حتیٰ کہ عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ زیور صرف جسمانی زینت بڑھانے اور حسن میں چار چاند لگانے کے ہی کام آتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ زیورات خواہ سونے کے ہوں یا چاندی کے، سیپ کے ہوں یا شیشے کے ہوں یا پھولوں کے زیورحسن کی افزائش کے ساتھ ساتھ صحت کے ضامن بھی ہوتے ہیں ۔ ان سے نہ صرف خواتین کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ یہ بہت سے امراض سے جسم کی حفاظت کا کام بھی انجام دیتے ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پتھروں سے مزین زیورات پہننے سے کسی طرح کا نقصان نہیں ہوتا۔ لہٰذا پریشانی اور ستاروں کو اپنے حق میں مہربان بنانے کے لئے ، نیلم ، یا قوت، زمرد، ہیرا،موتی وغیرہ استعمال کرنا چاہئیں ۔ جدید سائنس کے مطابق بھی ناک میں نتھنی یا لونگ پہننے سے پھیپھڑوں میں پہنچنے والی ہوا فلٹر ہو جاتی ہے۔ اس طرح دھول ‘مٹی یا گرد نیز باریک کیڑے مکوڑے سانس کے راستے پھیپھڑوں تک نہیں پہنچ پاتے بلکہ پھیپھڑوں تک صاف ستھری ہوا پہنچتی ہے۔ صاف ہو بدن کو ملنے کی وجہ سے گندہ خون اچھی طرح صاف ہو جاتا ہے۔ یہی صاف خون دل تک پہنچتا ہے جس کی وجہ سے انسانی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ناک میں زیور پہننے کی وجہ سے ذہانت کو فروغ دینے والے جراثیم کو بھی تقویت ملتی ہے۔اس طرح کا ن کا زیور کان میں داخل ہونے والی ہوا کو مضر اثرات سے پاک کر کے اسے اپنے میں جذب کر لیتا ہے اور سماعت سے تعلق رکھنے والی نسوں کو صاف رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ ہاتھوں کے زیورات مستقل پور پر آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچاتے ہیں ۔ یہ ٹھنڈک قلبی سکون میں معاون اور مدد گار ہوتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ہاتھوں میں پہنے ہوئے زیورات آنکھوں کی روشنی میں اضافہ کرتے ہیں اورجسمانی توانائی میں اضافے کا موجب ہوتے ہیں ۔ ماتھے پر استعمال ہونے والے زیورات جلد سے چپکے رہنے کی وجہ سے پسینہ بہانے والے باریک باریک سوراخوں کو صاف کرتے ہیں اور جسم کی چمک دمک بڑھانے میں بھی مدد گار ہوتے ہیں ۔ علم جیوتش کے مطابق ستاروں کی مناسبت سے انگوٹھیوں کے پہننے کا رواج بہت قدیم ہے۔ عہد رفتہ سے آج کے سائنسی دور تک انگوٹھیاں پہنی اور پسند کی جاتی ہیں اور ستاروں کے نحس اثرات ختم کرنے کے لئے انہیں خاص قسم کے پتھروں سے سجاکر خصوصیت کے ساتھ پہنا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ انہیں پہننے سے زہر کا اثر تیزی سے اپنا کام نہیں کر پاتا اور زہر کی جان لیوا رفتار دھیمی پڑ جاتی ہے۔ اس سست رفتاری کی وجہ سے پہننے والے کو یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اسے اپنی زندگی کے دفاع کا مزید موقع مل جاتا ہے بلکہ بروقت علاج سے کبھی جان بھی بچ جاتی ہے۔ زیورات کے ذریعے خاندان میں افرادی وسعت بھی ممکن ہے۔کہا جاتا ہے کہ سارے نگوں میں ہیرا سب سے افضل ہے لیکن اولاد کے خواہش مند اسے کبھی نہ پہنیں ۔ مطلب یہ ہے کہ جس خاتون کو اولاد نہیں چاہئے اسے ہیرا پہننا چاہئے۔ ان مقبول عام نگوں کی افادیت اور کمیابی کی وجہ سے ہمیشہ ان میں ہیرا پھیری ہوتی رہی ہے۔ اس لئے ان کی پہچان کے ماہرین نے مختلف طرح کے استعمال مقرر کئے ہیں ۔ نگوں کی آزمائش کے لئے راجہ بھوج نے بڑے تجربات تحریر کئے ہیں ۔ اس کا کہنا ہے کہ جو ہیرا پانی میں تیرسکے، شدید ضرب برداشت کر سکے، پہلو دار ہو، قوس قزح کی شکل کا ہو، ہلکا ہو، چکنا ہو اور آب دار ہو وہ سب سے بہتر ہوتا ہے۔ نگوں کے زیورات کے علاوہ موتی بھی صحت کے لئے بہت فائدے مند ثابت ہوئے ہیں ۔ موتی کے لمس سے جسم میں ٹھنڈک اور سکون کا احساس ہوتا ہے۔ آنکھ، دل اور دوسرے اعضاء کو تقویت ملتی ہے لیکن موتی مصنوعی بھی بنائے جاتے ہیں ۔ اس لئے ان کی پہچان بھی ضروری ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اصلی موتی سیپ سے پیدا ہوتے ہیں لیکن سیپ میں بنے موتی نقلی موتیوں کی نسبت صاف اور چمکیلے ہوتے ہیں ۔ ہاتھی دانت سے بنائے ہوئے موتی یا بادلوں کے ذریعے پیدا ہونے والے موتی نہایت عمدہ تسلیم کئے جاتے ہیں ۔ سونے کے زیورات جسمانی دھاتوں کی کمی کو دور کرنے ،جسم کو تقویت دینے ،آنکھوں کی بینائی کے لئے مفید اور زہروں کے اثرات کو ضائع کرنے میں معاون ہوتے ہیں ۔ ہاتھ لگا کر دیکھیں تو ششیہ یا کانچ ہمیشہ ٹھنڈا محسوس کریں گے۔کانچ کی چوڑیاں یا دیگر زیورات جسم کو مضر حرارت سے بچا کر ٹھنڈا رکھتے ہیں ۔ مختلف رنگوں کی بہار نہ صرف آنکھوں کو لبھاتی ہے بلکہ پہننے والے کے موڈ کو بھی ٹھیک رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سیپ کی چوڑیاں جسم میں کیلیشم کی کمی کو پورا کرتی ہیں ۔ ان کے پہننے سے خون اور پتے کے امراض کا خدشہ کم رہتا ہے۔ کچھ لوگ یہ کہہ سکتے ہیں کہ زیورات یعنی ہیرا ، سونا، چاندی، موتی ، نگ وغیرہ تو اب خواب کی باتیں ہیں ۔ آج کل یہ پیسے والوں کا کھیل ہے۔ عام لوگوں کا سنگھار تو اب ہڈی ، پلاسٹک ی اوردوسری معمولی دھاتوں کے زیورات ہیں لیکن یہ جان لینا چاہئے کہ زیورات کا مطلب ہڈی یا پلاسٹک وغیرہ کی اشیاء تک محدود نہیں ہے۔ ایسے زیورات جو جسمانی افادیت رکھتے ہیں وہ معمول سے مختلف تو ہوں گے ہی۔ پھولوں سے بھی سنگھارکیا جاتا ہے۔پھولوں کو بطور زیور بھی استعمال کیا جاتا ہے۔پرانے زمانے میں پھولوں کے زیورات کا رواج بہت زیادہ تھا۔ ہار، گجرے اور دوسرے کئی طرح کے پھولوں کے زیورات پہننے کا دستور تھا۔ پھولوں کا جسم پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ کنول کے پھول پہننے سے جسم ٹھنڈا رہتا ہے۔ بدن میں پھوڑے پھنسی وغیرہ ہونے کی صورت میں نہ صرف پہننے والے کو آرام ملتا ہے بلکہ مرض کی افزائش میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔ جسم پر زہر کا اثر کم ہوتا ہے۔ گلاب ، بیلا ، جوہی وغیرہ کے زیورات فرحت بخش ہوتے ہیں ۔ ان کے استعمال سے موٹاپا کم ہوتا ہے۔ چمپا، چنبیلی ، موگرے وغیرہ کے زیوراستعمال کرنے سے جسمانی کمزوری اور خون کی خرابیاں دور ہو جاتی ہیں اور دل بھی خوش رہتا ہے۔
٭٭٭
یہ چاند سا روشن چہرہ....
ایس اے ساگر
شفاف جلد کیلئے چند نسخے
اردو شاعری میں چاند سے روشن چہرے کی ہی نہیں بلکہ عمدہ جلد کی بھی خوب تعریف کی گئی ہے۔ اور کیوں نہ کی جائے جبکہ یہ دوسروں پر براہ راست اثر ڈالتی ہے۔روزمرہ غذا سے لے کر سونے اور بیدار ہونے کے معمولات بھی انسانی جلد پر اثرات مرتب کرتے ہیں ۔ حتیٰ کہ دل کے اندر پنپنے والے بغض اور کینا کو بھی سیا ہی کی شکل میں محسوس کیا گیا ہے۔اسی پر موقوف نہیں بلکہ جسم کا وہ حصہ جو کھلا رہتا ہے اور موسم کے سردو گرم کو زیادہ برداشت کرتا ہے ‘ڈھکے ہوئے حصے کے مقابلے میں زیادہ بھدا محسوس کیا گیا ہے۔علم طب متفق ہے کہ نارمل، خشک، چکنی اور کمبی نشین جلد نارمل جلد نہ تو زیادہ چکنی ہوتی ہے اور نہ ہی زیادہ خشک خشک جلد کھردری اور بے رونق ہوتی ہے۔ اس کی لیئر موٹی، چہرہ کے مسامات کھلے ہوئے اور چہرے پر لکیریں ہوتی ہے ایسی جلد پر جھریاں جلدی آ جاتی ہیں ۔ چکنی جلد زیادہ تر لوگ پسند نہیں کرتے جبکہ حقیقتاً یہ آئیڈیل جلد ہوتی ہے۔ وجہ صاف ہے کہ ایسی جلد میں جھریاں بہت عرصے بعد پڑنی شروع ہوتی ہیں ۔ یہ الگ بات ہے کہ جلد پر چکنائی ہونے کی وجہ سے بار بار چہرہ دھونے کی ضرورت پڑتی ہے ۔چکنی جلد کے مسامات کھلے ہوئے ہوتے ہیں اور جلد کا خیال نہ رکھنے پراس میں بلیک ہیڈز اور دانے بھی ہو جاتے ہیں ۔ جلد اگر کہیں سے خشک اور کہیں سے چکنی ہو یعنی پیشانی اور ناک والا حصہ چکنا جبکہ بقیہ حصہ خشک ہو تو ایسی جلد کو کمبی نیشن یا ملی جلی کیفیت والی جلد کہا جائیگا۔ چہرے کی ساخت کی شناخت کے بعد ان مسائل کی طرف آتے ہیں جو چہرے کی خوبصورتی متاثر کرتے ہیں ۔ بعض خواتین ہی نہیں بلکہ مرد حضرات کو بھی بلیک ہیڈز کی شکایت ہوتی ہے۔خواہ یہ ناک پر ہوں یا ہونٹوں کے اطراف میں ،یہ چہرے کی خوبصورتی کو بری طرح متاثر کرتے ہیں ۔ ان بلیک ہیڈوں سے چہرے کی چمک ختم ہو جاتی ہے۔ خصوصاً سورج کی روشنی میں یہ چہرے پر نمایاں ہو جاتے ہیں ۔ ویسے بھی یہ ایک طرح کے Dust کی طرح ہوتے ہیں یہ بلیک ہیڈ مسامات بند کر دیتے ہیں ۔ ان سے نجات حاصل کرنے کے چند آزمودہ طریقے ہیں ۔ تھوڑا سا وقت نکال کر ان ٹوٹکوں پر عمل کر کے ان بلیک ہیڈز سے نجات پائی جا سکتی ہے اور نرم و ملائم جلد کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے:
٭ اگر آپ کی جلد چکنی ہے تو صبح اٹھ کر آئینے کے سامنے جا کر کاٹن یا ٹشو کو گیلا کریں ۔ اگر گرم پانی میں گیلا کریں تو زیادہ بہتر ہے۔پھر اس سے بلیک ہیڈز صاف کر لیں ، یہ آسان حال ہے۔
٭تھوڑے سے کارن فلور میں انڈے کی سفیدی مکس کر کے پیسٹ بنائیں اوراسے بلیک ہیڈز کی جگہ پر لگائیں ۔ خشک ہونے کے بعد چہرے دھولیں ۔جلد چمک اٹھے گی۔
٭کھانے کا سوڈا عرق گلاب میں مکس کر کے ناک پر لگا لیں اور انگلیوں کے پوروں سے ہلکے ہلکے مساج کریں اور پانچ منٹ بعد دھولیں ۔ متاثرہ جگہ چمک اٹھے گی۔
٭چہرہ دھونے کے بعد ٹونر ضرور استعمال کریں ۔ اس کیلئے عرق گلاب بھی بہتر رہے گا‘اس کا اسپرے استعمال کریں ۔
٭چہرہ دھونے کے بعد چہرے کے مزاج کے مطابق موئیسچرائزر استعمال کریں ۔ چکنی جلد کے لئے آئل کنٹرول موئیسچرائزر جب کہ خشک جلد کیلئے ڈرائی موئیسچرائز استعمال کریں ۔
٭چہرے پر دانے ہوں تو بھاپ لینا نقصان دہ ثابت ہوتا ہے بھاپ کی بجائے نیم گرم پانی میں صاف روئی بھگو کر چہرے پر لگائیں اور دانوں اور بند مسامات کو بھی اس سے پونچھ لیں ۔ اس طرح فیشل کے دوران بھاپ لینے کا مقصد پورا ہو جائیگا۔
٭فیشل کے دوران ماسک صاف کرنے کے لیے اسفنج کا استعمال بالکل نہ کریں یہ چہرے کیلئے مضر ہوتا ہے۔ اسفنج کے چھوٹے چھوٹے پورسس میں بیٹھی ہوئی خفیف دھول آپ کے چہرے کو نقصان پہنچا سکتی ہے جو چہرے پر دانوں کا سبب بنتی ہے۔ اسفنج کی جگہ کاٹن یعنی روئی کا استعمال کریں ۔
٭چکنی جلد پر کسی بھی کلینزنگ لوشن، کریم یا مساج کریم کا مساج یعنی مالش دو یا تین منٹ سے زیادہ ہرگز نہ کریں ۔
٭جلد پردانے نکلنے کی ایک اہم وجہ چہرے پر اسکرب، بیسن، ملتانی مٹی، جوکا آٹا، ابٹن یا کسی بھی کریم کی بے جار گڑہوتی ہے۔ ہمیشہ ہلکے ہاتھوں سے اسکرب کریں ۔ اس کیلئے پانچ منٹ کا مساج کافی ہوتا ہے۔ ملتانی مٹی، بیسن یا ابٹن وغیرہ صاف کرتے وقت پہلے چہرہ پانی سے چھینٹوں سے ہلکا ہلکا گیلا کر لیں پھر گیلے ٹشو کو عرق گلاب میں بھگو کر ہلکے ہاتھوں سے پونچھیں لیکن رگڑیں بالکل نہیں ۔
٭دھوپ میں نکلنے سے پہلے سن بلاک ضرور استعمال کریں ۔ باہر نکلنے سے آدھ گھنٹہ پہلے سن بلاک لگا لیں ۔ ایسا سن بلاک استعمال کریں جس پر Sun Prtect Formula لکھا ہو۔ سن بلاک لگا کر اپنی جلد کی مناسبت سے کسی اچھی کمپنی کا کمپکٹ کیک لگائیں ۔
٭سن بلاک ڈھائی سے تین گھنٹے چہرہ پر رکھ سکتے ہیں اس کے بعد صاف کر لینا چاہئے۔ گھر سے باہر ہوں تو گیلے ٹشو سے صاف کر لیں ۔ مندرجہ بالا طریقوں پر عمل کر کے آپ نرم و ملائم اور خوبصورت جلد کی مالک بن سکتی ہیں ۔
ماخذ: اردو تہذیب ڈاٹ نیٹ
http://urdutahzeeb.net
تدوین اور ای بک: اعجاز عبید
اسلام میں خواتین کے حقوق
طاہر القادری
اسلام میں خواتین کے حقوق
1۔ نو مولود بچیوں کو زندہ دفن کرنے کا رواج
دورِ جاہلیت میں مشرکین عورت کو کسی رتبے اور مقام کا اہل نہ سمجھتے تھے اس لیے وہ لڑکی پیدا ہونے پر غصہ ہوتے، حالاں کہ وہ یہ جانتے تھے کہ نظام کائنات کے تحت شادیوں کے لیے لڑکی کی پیدائش ضروری ہے اس کے باوجود اس نظام کے خلاف اس حد تک چلے جاتے کہ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کر دیا کرتے تھے۔
قرآن کریم میں ان قوموں کے طرز عمل کے خلاف آیت اتری ہے کہ جب انکے ہاں کسی بچی کی ولادت ہوتی تو وہ غضب ناک ہوتے تھے۔ قرآن کریم نے ان کی اس قبیح عادت کو اس طرح بیان کیا ہے :
وَإِذَا بُشِّرَ أَحَدُہمْ بِالْأُنثَى ظَلَّ وَجْہہ مُسْوَدًّا وَہوَ كَظِيمٌO يَتَوَارَى مِنَ الْقَوْمِ مِن سُوءِ مَا بُشِّرَ بِہ أَيُمْسِكُہ عَلَى ہونٍ أَمْ يَدُسُّہ فِي التُّرَابِ أَلاَ سَاءَ مَا يَحْكُمُونَO
’’اور جب ان میں سے کسی کو بچی کی ولادت کی خبر دی جاتی ہے تو اس کا چہرہ سیاہ پڑ جاتا ہے اور وہ غصہ میں گھٹتا جاتا ہےo وہ (بزعم خویش) اس ’’بری خبر’‘ کے عار کی وجہ سے قوم سے چھپتا پھرتا ہے۔ وہ (سوچتا ہے کہ) آیا اس کو ذلت کی حالت میں لیے پھرے یا زندہ زمین میں دبا دے۔ خبردار! کتنا برا خیال ہے جو وہ کرتے ہیںo’‘
القرآن، النحل، 16 : 58، 59
لڑکیوں کو زندہ درگور کرنے کی رسم قبیح کو قرآن حکیم دوسرے مقام پر اس طرح بیان کرتا ہے :
وَإِذَا الْمَوْؤُودَةُ سُئِلَتْO بِأَيِّ ذَنبٍ قُتِلَتْO
’’اور جب زندہ دفن کی گئی لڑکی سے پوچھا جائے گاo کہ اسے کس جرم میں قتل کیا گیاo’‘
القرآن، التکوير : 8، 9
ابن کثیر رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت قیس بن عاصم رضی اللہ عنہ کا واقعہ بیان کیا ہے کہ قیس بن عاصم حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا : یا رسول اللہ! میں نے اپنی بیٹیوں کو زمانۂ جاہلیت میں زندہ دفن کردیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا کہ ہر بیٹی کی طرف سے ایک غلام آزاد کردو۔ انہوں نے کہا یا رسول اللہ! میں بہت سے اونٹوں کا مالک ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا : تو ہر بیٹی کی طرف سے ایک اونٹ کی قربانی دو۔
ایک روایت کے مطابق انہوں نے زمانۂ جاہلیت میں اپنی آٹھ بیٹیوں کو زندہ گاڑ دیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا : اگر تو چاہے تو ہر لڑکی کے بدلے ایک اونٹ قربان کر دے۔ ایک اور روایت میں ہے کہ انہوں نے بارہ بیٹیوں کو زندہ گاڑنے کا ذکر کیا تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے انہیں ہر ایک کے بدلے ایک غلام آزاد کرنے کی تلقین فرمائی۔ (1) یعنی زمانہ جاہلیت میں لوگ لڑکیوں کو عار یا فقر کے ڈر سے زندہ دفن کردیتے تھے۔ (2)
(1) ابن کثير، تفسير القرآن العظيم، 4 : 478
(2)1. طبري، جامع البيان في تفسير القرآن، 30 : 66 2. قرطبي، الجامع لاحکام القرآن، 19 : 232 3. شافعي، احکام القرآن، 1 : 626 4. شافعي، الام، 6 : 3 5. بيہقي، السنن الکبريٰ، 8 : 17 6. ابن حزم، الاحکام في اصول الاحکام، 5 : 170 7. ابن حزم، الاحکام في اصول الاحکام، 7 : 377
اللہ تعالیٰ نے قتل انسانی کی ممانعت کا حکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا :
قُلْ تَعَالَوْاْ أَتْلُ مَا حَرَّمَ رَبُّكُمْ عَلَيْكُمْ أَلاَّ تُشْرِكُواْ بِہ شَيْئًا وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا وَلاَ تَقْتُلُواْ أَوْلاَدَكُم مِّنْ إمْلاَقٍ نَّحْنُ نَرْزُقُكُمْ وَإِيَّاہمْ وَلاَ تَقْرَبُواْ الْفَوَاحِشَ مَا ظَہرَ مِنْہا وَمَا بَطَنَ وَلاَ تَقْتُلُواْ النَّفْسَ الَّتِي حَرَّمَ اللّہ إِلاَّ بِالْحَقِّ ذَلِكُمْ وَصَّاكُمْ بِہ لَعَلَّكُمْ تَعْقِلُونَO
’’آپ ان سے کہیے کہ آؤ میں تم کو وہ چیزیں پڑھ کر سناؤں جو تمہارے رب نے تم پر حرام کی ہیں وہ یہ کہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی کو شریک مت ٹھہراؤ۔ ماں باپ کے ساتھ احسان کیا کرو۔ اور اپنی اولاد کو فقر کے ڈر سے قتل نہ کیا کرو۔ ہم تمہیں اور ان کو رزق دیں گے اور بے حیائی کے کام ظاہر ہوں یا پوشیدہ ان کے پاس نہ جانا اور کسی جان کو جن کے قتل کو خدا نے حرام کر دیا ہے قتل نہ کرنا مگر جائز طور پر ان باتوں کی وہ تمہیں تاکید کرتا ہے تاکہ تم عقل سے کام لوo’‘
القرآن، الانعام، 6 : 151
2۔ زمانۂ جاہلیت میں رائج شادی کے مختلف طریقے
شادی جو خاندانی زندگی کے قیام و تسلسل کا ادارہ ہے، اہل عرب کے ہاں اصول و ضوابط سے آزاد تھا جس میں عورت کی عزت و عصمت اور عفت و تکریم کا کوئی تصور کارفرما نہ تھا۔ اہل عرب میں شادی کے درج ذیل طریقے رائج تھے :
(1) زواج البعولۃ
یہ نکاح عرب میں بہت عام تھا۔ اس میں یہ تھا کہ مرد ایک یا بہت سی عورتوں کا مالک ہوتا۔ بعولت (خاوند ہونا) سے مراد مرد کا ’’عورتیں جمع کرنا’‘ ہوتا تھا۔ اس میں عورت کی حیثیت عام مال و متاع جیسی ہوتی۔
(2) زواج البدل
بدلے کی شادی، اس سے مراد دو بیویوں کا آپس میں تبادلہ تھا۔ یعنی دو مرد اپنی اپنی بیویوں کو ایک دوسرے سے بدل لیتے اور اس کا نہ عورت کو علم ہوتا، نہ اس کے قبول کرنے، مہر یا ایجاب کی ضرورت ہوتی۔ بس دوسرے کی بیوی پسند آنے پر ایک مختصر سی مجلس میں یہ سب کچھ طے پاجاتا۔
(3) نکاح متعہ
یہ نکاح بغیر خطبہ، تقریب اور گواہوں کے ہوتا۔ عورت اور مرد آپس میں کسی ایک مدت مقررہ تک ایک خاص مہر پر متفق ہو جاتے اور مدت مقررہ پوری ہوتے ہی نکاح خود بخود ختم ہو جاتا تھا طلاق کی ضرورت بھی نہیں پڑتی تھی اور اس نکاح کے نتیجے میں پیدا ہونے والی اولاد ماں کی طرف منسوب ہوتی اسے باپ کا نام نہیں دیا جاتا تھا۔
(4) نکاح الخدن
دوستی کی شادی، اس میں مرد کسی عورت کو اپنے گھر بغیر نکاح، خطبہ اور مہر کے رکھ لیتا اور اس سے ازدواجی تعلقات قائم کر لیتا اور بعد ازاں یہ تعلق باہمی رضا مندی سے ختم ہو جاتا کسی قسم کی طلاق کی ضرورت نہیں تھی۔ اگر اولاد پیدا ہو جاتی تو وہ ماں کی طرف منسوب ہوتی۔
یہ طریقہ آج کل مغربی معاشرے میں بھی رائج ہے۔
(5) نکاح الضغینہ
جنگ کے بعد مال اور قیدی ہاتھ لگتے اور جاہلیت میں فاتح کے لیے مفتوح کی عورتیں، مال وغیرہ سب مباح تھا یہ عورتیں فاتح کی ملکیت ہو جاتیں اور وہ چاہتا تو انہیں بیچ دیتا چاہتا تو یونہی چھوڑ دیتا اور چاہتا تو ان سے مباشرت کرتا یا کسی دوسرے شخص کو تحفہ میں دے دیتا۔ یوں ایک آزاد عورت غلام بن کربک جاتی۔ اس نکاح میں کسی خطبہ، مہر یا ایجاب و قبول کی ضرورت نہ تھی۔
(6) نکاح شغار
وٹے سٹے کی شادی۔ یہ وہ نکاح تھا کہ ایک شخص اپنی زیرسرپرستی رہنے والی لڑکی کا نکاح کسی شخص سے اس شرط پر کر دیتا کہ وہ اپنی کسی بیٹی، بہن وغیرہ کا نکاح اس سے کرائے گا۔ اس میں مہر بھی مقرر کرنا ضروری نہ تھا اسلام نے اس کی بھی ممانعت فرما دی۔
(7) نکاح الاستبضاع
فائدہ اٹھانے کے لیے عورت مہیا کرنے کا نکاح۔ مراد یہ ہے کہ ایک شخص اپنی بیوی کو کسی دوسرے خوبصورت مرد کے ساتھ ازدواجی زندگی گزارنے کے لیے بھیج دیتا اور خود اس سے الگ رہتا تاکہ اس کی نسل خوبصورت پیدا ہو اور جب اس کو حمل ظاہر ہو جاتا تو وہ عورت پھر اپنے شوہر کے پاس آجاتی۔
(8) نکاح الرہط
اجتماعی نکاح۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تقریباً دس آدمی ایک ہی عورت کے لیے جمع ہوتے اور ہر ایک اس سے مباشرت کرتا اور جب اس کے ہاں اولاد ہوتی تو وہ ان سب کو بلواتی اور وہ بغیر کسی پس وپیش کے آجاتے پھر وہ جسے چاہتی (پسند کرتی یا اچھا سمجھتی) اسے کہتی کہ یہ بچہ تیرا ہے اور اس شخص کو اس سے انکار کرنے کی اجازت نہ ہوتی تھی۔
(9) نکاح البغایا
فاحشہ عورتوں سے تعلق، یہ بھی نکاح رہط سے ملتا جلتا ہے مگر اس میں دو فرق تھے، ایک تویہ کہ اس میں دس سے زیادہ افراد بھی ہو سکتے تھے جبکہ نکاح رہط میں دس سے زیادہ نہ ہوتے تھے۔ دوسرے یہ کہ ان مردوں سے بچہ منسوب کرنا عورت کا نہیں بلکہ مرد کا کام ہوتا تھا۔
مذکورہ طریقہ ہائے زواج سے ثابت اور واضح ہوتا ہے کہ عورت کی زمانۂ جاہلیت میں حیثیت مال و متاع کی طرح تھی اسے خریدا اور بیچا جاتا تھا۔
1. ابن حجر عسقلاني، فتح الباري شرح صحيح البخاري، کتاب النکاح، 9 : 182. 185 2. بخاري، الصحيح، کتاب النکاح، باب من قال : لا نکاح إلا بولي 5 : 1970، رقم : 4834 3. ابوداؤد، السنن، کتاب الطلاق، باب في وجوہ النکاح 2 : 281، رقم : 2272 4. دارقطني، السنن الکبريٰ، 7 : 110 5. بيہقي، السنن الکبريٰ، 7 : 110 6. قرطبي، الجامع لأحکام القرآن، 3 : 120 7. قرطبي، الجامع لأحکام القرآن، 3 : 120
مذکورہ محدثین کرام نے درج بالا اقسام نکاح میں سے بعض کو بیان کیا ہے۔
***
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)