طلسمِ نجومِ شب
عنبرین صلاح الدین
کتاب ''سرِ دشتِ گماں'' سے خود عنبرین صلاح الدین کا کیا انتخاب
مرے دریچے پہ روشن کوئی اِشارا تھا
سحر نہ تھی ، یہ وہی شام کا ستارا تھا
فضا میں دُور تلک گونجتی صدائیں تھیں
سمجھ نہ آئی کہ کس نے کسے پکارا تھا
یہی منظر تھے انجانے سے ، پہلے تمہارے شہر میں آنے سے پہلے
زمیں کی دھڑکنیں پہچان لینا کوئی دیوار بنوانے سے پہلے
پلٹ کر کیوں مجھے سب دیکھتے ہیں تمہارا ذکر فرمانے سے پہلے
نہ جانے کتنی آنکھیں منتظر تھیں ستارے بام پر آنے سے پہلے
دریچے بند ہو جاتے ہیں کتنے یہاں منظر بدل جانے سے پہلے ٭٭٭
یہ بام و در بھی مرے ساتھ خواب دیکھیں گے
تمام رات مرا اِضطراب دیکھیں گے
جہانِ حرف و معانی میں جس نے اُلجھایا
ہم اُس کے ہاتھ میں اپنی کتاب دیکھیں گے
وہ میرے شہر میں آئے گا اور ملے گا نہیں!
وہ کر سکے گا بھلا اجتناب ، دیکھیں گے
تمام عمر دُعا کے لئے اُٹھائے ہاتھ ،
ہیں خوش گمان ، خوشی سے عذاب دیکھیں گے
ملیں گے اُس سے کہیں دوسرے کنارے پر
سراب پار کریں گے ، سراب دیکھیں گے !
وہ مرحلہ بھی سرِ راہِ عشق آئے گا سوال کرنے سے پہلے جواب دیکھیں گے
چھڑا کے ہاتھ کسی روز اپنی وحشت سے فصیلِ شہرِ تمنا کا باب دیکھیں گے
سحر کے بعد شمارِ نجوم شب ہو گا سفر کے بعد سفر کا حساب دیکھیں گے ٭٭٭
مرے گھر سے تمہارے آستاں تک گماں کے رنگ ہیں حدِّ گماں تک
کئی موسم ہیں پھیلے درمیاں میں بہاروں سے تری ، میری خزاں تک
ابھی سے رات کیوں ڈھلنے لگی ہے ابھی آئیں نہیں باتیں زُباں تک
مرے رہبر کا رستہ کھو گیا ہے کوئی لے آئے اُس کو کارواں تک
پہنچ جائیں گے اِک دن رفتہ رفتہ تمہارے تیر بھی میری کماں تک
کئی صدیوں میں سمٹی ہے مسافت مسافر ہیں ، چلیں آخر کہاں تک
سمجھ آئی نہیں اپنی ہمیں بھی بنا ڈالی کسی نے داستاں تک ٭٭٭
کسی کو تاب نہ تھی روبرو سوال کرے تو کھولتا کوئی کیسے گرہ پہیلی کی
بس ایک بار ہی آنگن سے آسماں دیکھا بلند ہو گئی دیوار پھر حویلی کی
فلک پہ تارے بھی گم گَشتہ راہ لگتے ہیں
اُلجھ گئی کوئی ریکھا مری ہتھیلی کی
٭٭٭
خار و خس کی مہ و انجم سے یوں نسبت دیکھی
میرے خوابوں کی مرے شہر نے قیمت دیکھی
کب مرا راستہ ایسا تھا کہ تجھ تک پہنچے
میں نے خود چشمِ تخیّل سے رعایت دیکھی
میں نے لفظوں کو سمیٹا تو فسانے پھیلے
خواب بکھرے تو مری آنکھ نے شہرت دیکھی
وقت کی آندھیاں کس سمت اُڑا لے آئیں
اُس نے دیکھا تھا مجھے‘ میں نے قیامت دیکھی
گونج رہتی ہے در و بام میں تنہائی کی کب ترے بعد کسی جشن کی فرصت دیکھی
اُس کے لفظوں کے مقابل میں بھلا کیا کہتی
میں نے حیران ہی رہنے میں سہولت دیکھی
چھو کے آئی ترا پیکر جو نکھرتی ہوئی دھوپ
کیا سے کیا میں نے در و بام کی رنگت دیکھی
٭٭٭
بعد مدت وہی منظر دیکھا اُس کی آواز کو چھو کر دیکھا
اُس کے چہرے پہ کھلے رنگ کئی اپنے لہجے کو ثمر ور دیکھا
پھر کسی آنکھ میں دستک جاگی خلوتِ جاں کو منوّر دیکھا
نیند جو ٹوٹی تو پہروں نہ جڑی خواب دیکھا بھی تو پل بھر دیکھا
ڈھونڈتے پھرتے ہیں یہ لوگ کسے میں نے کب شہر میں جا کر دیکھا
خوف کا توڑ کے جو آئی حصار اُس کی آنکھوں میں وہی ڈر دیکھا
نہ ملیں منزلیں تو کیا شکوہ میں نے کب جاں سے گزر کر دیکھا ٭٭٭
تیر تو غیر کی کمان کے تھے ہاتھ پر ایک مہربان کے تھے
اُس کے لہجے میں سچ تو تھا لیکن رنگ گہرے مرے گمان کے تھے
دُور تک بھیگتا ہوا جنگل وا دریچے ترے مکان کے تھے
کچھ طلسمِ نجومِ شب بھی تھا کچھ کرشمے بھی تیرے دھیان کے تھے
تھا وہ جادو سا آسمانوں میں شوق اِس سے سوا اُڑان کے تھے
میں جب آئی تو وہ سفر میں تھا اور اِرادے بھی آسمان کے تھے
میں ٹھہرتی یا وہ ٹھہر جاتا سائے بس ایک سائبان کے تھے
نیند خوابوں کو چھو کے لوٹ آئی آخری موڑ داستان کے تھے
نہ اُسے ، ناں مجھے ہی راس آئے راستے یہ جو درمیان کے تھے
جب ہوا تھم گئی ، تبھی جانا طور کچھ اور بادبان کے تھے
پھر بھلا کس طرح منع کرتی فیصلے چشمِ مہربان کے تھے ٭٭٭
کوئی آہٹ نہیں آتی سرِ دشت گماں جاناں
غبارِ راہ کو تکتے ، ہوئیں آنکھیں دھواں جاناں
چمکتا ہے ہمارے نام کا تارا جہاں جاناں
نہ جانے کس اُفق کے پار ہے وہ کہکشاں جاناں
مجھے یہ وہم لاحق تھا در و دالان ہیں میرے
مجھے یہ خوش گمانی تھی ‘مرا ہے یہ مکاں جاناں
تمہاری گفتگو سنتی رہی دُنیا ، پہ دم بھر میں
ہماری خوش کلامی بھی بنی اِک داستاں جاناں
مری دہلیز پر صدیوں سے ہے پہرا عذابوں کا
مجھے اِذنِ سفر کب ہے جو کھولوں بادباں جاناں
عجب بے چارگی ہے ، ہر طرف ہیں خوف کے پہرے
جہانِ ہست کی وحشت میں ہوں بے سائباں جاناں
قفس کے اُس طرف پہنچے کبھی میری کہانی بھی
اُفق کے پار بھی جائے کبھی میری فغاں جاناں
کبھی مجھ کو پکارو تو مرے اپنے حوالے سے
تمہارے ہاتھ پہ رکھ دوں زمین و آسماں جاناں
٭٭٭
یاس کے مہر نے اِس بام سے ڈھلنا کب تھا
وہ جو ملتا بھی تو اِس دل نے سنبھلنا کب تھا
تم نے اچھا کیا ، آنے کا اِرادہ چھوڑا
دشت کی شام تھی ، طوفان نے ٹلنا کب تھا
وہ تو پلکوں پہ ستارے ہی چمکنا بھولے
ورنہ اُس خواب سے منظر نے بدلنا کب تھا
لے چلے گی یہ ڈگر کون سی منزل کی طرف
گر مسافر کو خبر ہوتی تو چلنا کب تھا
لے گئی ریگِ رواں ساتھ بہا کر ورنہ
خوف کی سرد زمینوں سے نکلنا کب تھا
٭٭٭
اُس کی آنکھوں میں دھڑکتا ہے غضب ایک سوال
اُس نے باندھا مرے آنچل سے عجب ایک سوال
نیند خوابوں سے جو الجھی ہے سحر ہونے تک
جستجو ایک تمنا تھی ، طلب ایک سوال
اپنی ہی ذات سے کرنا ہے کنارا مجھ کو
پوچھنا ہو تو رہوں مہر بلب اب ایک سوال
میرے خوابوں نے بھی ایسی مجھے تنہائی دی
پوچھنا ہو تو رہوں مہر بلب ایک سوال
جانتی ہوں کہ وہ آئے گا بہ وقتِ رخصت
مجھ سے الجھے گا کسی اور سبب ایک سوال
میرے کیسے میں نہیں اس کے لئے کوئی جواب
اُس کے کاسے میں رہا جان بلب ایک سوال
اِس برس بام سے گزرے گا اگر موسمِ گل
میں بھی پوچھوں گی بصد عجز و ادب ایک سوال
٭٭٭
آخر کو شب غم کا نظر آیا کنارا اب رہ گیا افلاک پہ بس ایک ستارا
پھر آنکھ میں ٹھہرے ہیں نئے خواب کے منظر
کس نے مری سوچوں میں نیا رنگ اُتارا
ہیں کون سی بستی کے مکیں ڈوبنے والے
کس سمت کو جاتا ہے یہ طوفان کا دھارا
سوچوں تو مری آنکھ میں منظر کئی جاگیں
دیکھوں تو وہی رات ، وہی دشت کنارا
کن چاند ستاروں نے سرِ بام اُتر کر اِس شام کے آنچل کو نئے طور سنوارا
تا حدِّ فلک کتنی صداؤں کے بھنور ہیں
اِس گونجتی وادی میں مجھے کِس نے پکارا
٭٭٭
اُس نے قصّہ نیا سنانا ہے اور مجھے ضبط آزمانا ہے
پہلے کھونا ہے خواہشوں میں اُسے پھر اُسے حسرتوں میں پانا ہے
پھیل جانے دو جنگلوں کو یہاں کس نے اِن راستوں میں آنا ہے
یونہی رہنا ہے راستوں میں سدا ایک وعدہ مجھے نبھانا ہے
سب اصولوں سے اِنحراف کیا جو کہا اُس نے ، میں نے مانا ہے
ایک مہلت ہے پیشِ جاں ، اور پھر اُس کو اُس کا کہا سنانا ہے ٭٭٭
کرنیں تاروں کی مدّھم تھیں اور گم صم اشجار سبھی
خواہش کی جادو نگری میں چہرے تھے بیزار سبھی
ریت پہ تھے موجود تمہارے جانے کے آثار سبھی
ساتھ بہا کے لے گئیں لہریں پل میں نقش نگار سبھی
تند ہوا کے ہاتھوں بکھری پھولوں کی مہکار سبھی
وقت کے چکّر میں دھند لایا روپ سروپ نکھار سبھی
کیسے حال بیان کروں میں اُس تاریک سویرے کا
لفظ بھی ہاتھ نہ آئیں میرے ، رنگ بھی ہیں لاچار سبھی
لہراتے ہیں خوف کے سائے لفظوں کی بنیادوں میں
دل کی الجھن کا ہوتا ہے چہروں سے اِظہار سبھی
قریہ قریہ سناّٹے ہیں ، منظر منظر وحشت ہے
کب سے خواہش ، خواب ، اِرادے ، بیٹھے ہیں بیکار سبھی
خوف کے جادوگر بستے ہیں دروازوں ، دہلیزوں میں
رہتی ہیں خوشیوں کی پریاں دیواروں کے پار سبھی
وحشت کی دیوار میں کھوئیں آنکھیں رنگ اُجالوں سی
جانے کیسی دُھند میں ڈوبی لہجوں کی جھنکار سبھی
ایک ہی موسم ٹھہر گیا ہے بام پہ کتنے برسوں سے
ایک ہی دھندلے رنگ میں کب سے ڈوبا ہے سنسار سبھی
٭٭٭
اِن درختوں کے اُدھر بھی راہ کوئی اور ہے
آسماں کے پار روشن ماہ کوئی اور ہے
پہلے چہرے پر چمکتی چاہ تو کچھ اور تھی
اب نگاہوں میں جلال و جاہ کوئی اور ہے
آسماں کی وسعتیں رکھتی نہیں کوئی کشش
اِس زمیں کے ساتھ میری چاہ کوئی اور ہے
لب کشائی کا گنہ کرتے ہیں سب کے روبرو
حرفِ دل سے یاں مگر آگاہ کوئی اور ہے
آج میں زادِ سفر میں روشنی بھی باندھ لوں
آج رستے میں مرے ہمراہ کوئی اور ہے
٭٭٭
پھر مرے بام و در سجانے سے کون روکے گا غم کو آنے سے
سانس رُک جائے تو سکوں آئے درد تھم جائے اِس بہانے سے
رنگ ، خوشبو ، سحاب سب آئے تم نہ آئے مرے بُلانے سے
آنکھ نے خوف کو مکین کیا خواب رخصت ہوئے ٹھکانے سے
کوئی نغمہ ، نوا نہ کوئی صدا اب نہ جاگے یہ دل جگانے سے
جب زمانے کی بات ہی نہ سنی پھر کریں کیا گلہ زمانے سے
میرا کردار تو اِضافی تھا کاٹ ڈالا گیا فسانے سے ٭٭٭
آنکھ میں رَت جگوں کی گَرد لئے در بدر ہیں ہجومِ درد لئے
پھِر رہے ہیں سرِ رہِ فرقت خواہشوں کی رِدائے زرد لئے
کیوں سرِ شام ہے اُداس بہت یہ ہوا کس کی آہِ سرد لئے
روک لیتا ہے راستہ میرا اُس کا چہرہ ہر ایک فرد لئے
پھر سے ہے انتظارِ آخرِ شب دل میں وہم و گماں کی گرد لئے ٭٭٭
رات کا پچھلا پہر ہے ، آہٹوں کے رقص ہیں
دیکھے بھالے نقش بھی ہیں ، کچھ نئے سے عکس ہیں
سب در و دیوار ہیں سہمے ہوئے اور بستہ لب
کیا قفس اور کیا مکیں سب ہی اسیرِ حبس ہیں
اب کے آنکھوں کو ہوا ہے اِک نیا ہی تجربہ
شہر بھر میں اُس کے جیسے سینکڑوں ہی شخص ہیں
خواہشوں کی گرد سے بوجھل ہوئے رستوں پہ آج
لوٹتے قدموں کے دھند لائے ہوئے سے عکس ہیں
کہکشاؤں میں نہیں ، وہم و گماں میں بھی نہیں
ہیں مگر کچھ اور ہی تارے جو محوِ رقص ہیں
٭٭٭
گماں جو لفظ میں ڈھالے ، بکھیرنے آیا وہ میرے سارے حوالے بکھیرنے آیا
جو خواب میں نے سجائے ، سمیٹنے پہنچا
جو رنگ میں نے سنبھالے ، بکھیرنے آیا
دیئے جلے کہ ستارے سجے سرِ مژگاں مرا جنون اُجالے بکھیرنے آیا ٭٭٭
کہیں سے آنے کی تیرے نہ کچھ خبر آئی پلٹ کے راہ سے تنہا یہ چشم تر آئی
ترا خیال ، نہ کوئی جھلک نظر آئی میں اپنے دھیان میں اُس شہر سے گزر آئی
ہتھیلیوں پہ لئے خاک رہ گزاروں کی
میں اپنے گھر سے چلی تھی ، میں اپنے گھر آئی
سفر کی رات میں سب راستے ہوئے روشن
جو میرے دھیان میں وہ نگہِ چارہ گر آئی
عجب طلسم تھا پھیلا ہوا خلاؤں میں میں اپنی آنکھیں ستاروں کے نام کر آئی
سجے تھے حدّ نظر تک سراب خوابوں کے
کہیں نہ مجھ کو نظر اُس کی رہ گزر آئی
٭٭٭
نارسائی
مجھے اپنے ہونے کے پہلے ہی پل میں
مرے کچھ نہ ہونے کا
ایسا سبق مل گیا تھا
کہ میری نگاہیں کبھی خوگرِ روشنی نہ ہوئیں
رنگ و خوشبو کی دستک
مری بند کھڑکی سے آ کر پلٹتی رہی
اور میں تنہا ،
کواڑوں پہ سر کو ٹکائے
یہ سب آہٹیں
اپنی خاموشیوں میں پروتی رہی
خواہشیں خواب بنتی رہیں
آنکھ روتی رہی
اور عمرِ رواں کے یہ سارے برس
بیت جانے پہ بھی
موسمِ گل سے کوئی شکایت نہ کی
کربِ بے نام سے
حسنِ تخلیق تک کا سفر طے ہوا
ہاتھ اِلہام کو لفظ کرنے لگے
شب کی تنہائی میں
گیت کھلنے لگے
(خواب جلنے لگے)
آخرش میں نے بھی
راز پا ہی لیا
کیوں پرندہ کوئی
اپنی اُونچی اڑانوں کی مستی
قفس کے در و بام میں رہ کے بھی
گیت گائے !*
* I know why the caged bird sings ٭٭٭
اسیر
کھوئی آنکھیں دیکھ رہی ہیں دھندلے سے کچھ خواب یا اُن کی تعبیر
ہاتھوں پر تحریر ہے کیسا اُلجھا سا اِک لفظ یا ہے صرف لکیر
کاندھوں پر رکھا ہے میرے سو صدیوں کا خوف میری کُل جاگیر
پیروں نے باندھا ہے مجھ کو سرد زمیں کے ساتھ کیا سوچوں تدبیر
بس میں اگر ہو اندھیاروں کے خوشبو کر لیں قید رنگ کریں زنجیر
کھول کے آنکھیں دیکھ سکوں تو اِس دہلیز کے پار اور ہی ہے تصویر
پار کروں میں ایک ہی جست میں خوف کی ہر دیوار جبر کی ہر زنجیر
لیکن ، میری اپنی آنکھیں ؟
میری اپنی ذات ؟
صدیوں کی تعمیر ؟
میری کل جاگیر ؟
٭٭٭
آرزو
عجیب طرزِ پذیرائی آرزو کا ہے
مجھے ملے تو یہ دروازے اَن کھلے ہی ملے
مرا سفر میں اندھیروں نے راستہ روکا
مگر فصیلِ تمنّا پہ کچھ دیئے ہی ملے
اندھیری رات میں یوں جگمگاتے خواب لئے
چلوں اگر مجھے خوشبو کی رہ گذر نہ ملے
میں چاہوں بھی تو یہ موسم نہ میرے بن پائیں
تلاش کرتی رہوں کوئی بھی سحر نہ ملے
چلوں جو تھام کے رنگوں بھری کمان کا ہاتھ
تو پھر بھی مجھ کو کہیں عکسِ چارہ گر نہ ملے
صدا کی گونج کو وہ حرفِ معتبر نہ ملے
اور آرزو کو نئی منزلوں کا در نہ ملے
میں آرزو کے اِسی خوش نما قفس میں بند
میں خواہشوں کے اِسی خواب گھر کا حصہ ہوں
امید کے اِسی روشن چراغ کی لو ہوں
میں جستجو کی اِسی رہ گذر کا قصّہ ہوں
مگر کبھی یہ مناظر یونہی نہیں رہتے کبھی کبھی یہی موسم نظر بدلتے ہیں
جب آرزو کے کھُلے در سے جھانکیں اندیشے
گماں یقین کی صورت میں آ کے ڈھلتے ہیں
سنائی دیتی ہے آہٹ کہیں پہ خدشوں کی
کہ آئنوں کے سبھی عکس روٹھ جاتے ہیں
کہ روشنی کو کوئی راستہ نہیں ملتا
مری نگاہ سے خوشبو کے رنگ اُڑتے ہیں
مگر ملال کی کوئی چُبھن نہیں رہتی
کسی امید کا چہرہ تو ساتھ رہتا ہے
سمیٹ لے سبھی روشن نشاں فلک اپنے
زمیں پہ کوئی ستارہ تو ساتھ رہتا ہے
سفر کی صبح کنارہ تو ساتھ رہتا ہے
یا یوں کہ نام تمہارا تو ساتھ رہتا ہے
نہیں ہے ڈر کوئی خوابوں کے رنگ کھونے کا
کہ آنکھ میری سلامت ہے ، اِس کو خواب بہت
فلک کے ہاتھ پہ تاروں کے قافلے جب تک
مری نگاہ میں جاگیں گے اِضطراب بہت
لکیر میری ہتھیلی کی جو کہے ، سو کہے
مجھے سراب بہت ، آرزو کے باب بہت
٭٭٭
آخری منظر
بچھڑتے وقت کی اُس سرد ساعت کا فسوں تھا
یا مجھے اِک اَن کہے ڈرنے
بہت جلدی پلٹ آنے پہ مائل کر دیا تھا
بس اِتنا یا دہے مجھ کو
لبوں کی آخری جنبش سے پہلے
سلگتی بارشیں رستے میں حائل ہو گئی تھیں
دوپٹے کے کنارے سے بندھا تھا
نظم کا وہ آخری ٹکڑا
مرے ٹھٹھرے ہوئے لفظوں کو دھندلاتا
اُسی بہتے ہوئے لمحے میں شاید کھو گیا تھا
بھلا اُس ڈوبتی ساعت میں کب احساس رہتا ہے
کہ زادِ راہ کو دیکھیں بچھڑ کر لوٹنے والے
دوپٹے کی گرہ کب سے کھلی ہے
لفظ پانی کے بہاؤ میں رواں ہیں
اور مرا دل……
کہاں وہ اِسم جانے روک لے جو وقت کا دھارا
صدا کو لفظ دے
اور ہاتھ کو طاقت کہ لفظوں کو بہم کر لیں
کہانی آخری منظر سنانے سے ہی پہلے ختم کیونکر ہو؟
٭٭٭
اُلجھن
رات کے ہونٹ خاموش ہیں
سانس روکے ہوئے ہے ہوا
سب درختوں نے چُپ سادھ لی
دم بخود لگ رہی ہے فضا
آسماں پر کہیں آج شب
کوئی تارا بھی ٹوٹا نہیں
ناں کوئی سرسراہٹ خیالوں میں ہے
کوئی آہٹ نہیں گونجتی
پتّیوں پہ کہیں اوس کی
جھلملاہٹ ابھی جگمگائی نہیں
دودھیا چاندنی کا فسوں
چاند نے چار جانب بکھیر انہیں
اور کسی اَن کہے خوف نے
آج کی شب مجھے آن گھیرا نہیں
اِس دریچے میں خوشبو لئے
کوئی سایہ نہیں جاگتا
نہ گماں ہے کوئی آج شب
نہ یقیں کا کوئی سلسلہ
شب کے سارے ہی ساتھی مرے
یا تو مجھ سے خفا ہو گئے
یا مرے دل پہ ہی آخرش
اِس جہاں کا اثر ہو گیا
یہ بھی بے روح، بے جان اور بے بصر ہو گیا !
٭٭٭
انتظار
عجیب رات یہ اتری ہے میرے آنگن میں
میں گھر میں ہوں کہ کسی یاد کے نگر میں ہوں
میں منتظر ہوں کسی عکسِ خوش نظر کے لئے
اور انتظار کے بے انتہا سفر میں ہوں
میں جانتی ہوں کہ اِس سب سے کچھ نہیں حاصل
میں جانتی ہوں مگر اپنے کب اثر میں ہوں
میں جانتی ہوں مگر کچھ بھی کر نہیں سکتی
یوں چل رہی ہوں کہ جیسے ہوا کے گھر میں ہوں
گو چل رہی ہوں مگر پانو ہیں زمیں سے بندھے
یوں لگ رہا ہے کہ بس خواہشِ مفر میں ہوں
یوں لگ رہا ہے کوئی میرے ساتھ چلتا ہے
یوں لگ رہا ہے کہ ہر پل کسی نظر میں ہوں
یوں لگ رہا ہے کہ خواہش نے رنگ پہنا ہے
یوں لگ رہا ہے کہ خوشبو کی رہ گذر میں ہوں
یوں لگ رہا ہے کہ لفظوں میں کہہ نہیں سکتی
کہ حرف حرف شجر ہائے بے ثمر میں ہوں
میں جانتی ہوں مگر آنکھ پھیر لیتی ہوں
گو چل رہی ہوں مگر اَن کہی کے ڈر میں ہوں
یوں انتظار کے اِس بیکراں سمندر میں
میں مثلِ موجِ ہوا ‘ ہر گھڑی سفر میں ہوں
یہ دھُند ہے یا دھواں ہے مری نگاہوں میں
یہ رات ہے کہ کسی خواب کے نگر میں ہوں
یہ چل رہے ہیں ستارے کہ اشک بہتے ہیں
سفر ہے یا کہ گماں ہے مجھے سفر میں ہوں
یہ آہٹیں ہیں کہ سرگوشیاں ہواؤں کی
نہ جانے رات کے میں کون سے پہر میں ہوں
نہ جانے کون سے جادو نگر میں بیٹھی ہوں
میں کیسے سحر میں ، کس گونج کے اثر میں ہوں
مرے نصیب کے رستے سراب کیا ہوں گے
میں خوش گماں ہوں ، ابھی تک اِسی نگر میں ہوں
گو اِنتظار کے لمحے بہت طویل ہوئے
ابھی نگاہِ تماشائے چارہ گر میں ہوں
میں ہوں دِیوں کی طرح طاق طاق پر روشن
میں آہٹوں کی طرح گھر کے بام و در میں ہوں
وہ انتظار کی صورت مری نظر میں ہے
میں گردِ راہ کی مانند رہ گذر میں ہوں
٭٭٭
کرن لفظوں کی چمکے اور ہوا کا ساز ہو جائے
مِرے ہاتھوں سے لپٹی یہ دُعا آواز ہو جائے
مرے سر پر لرزتا ہے ابھی اُس ہاتھ کا سایہ
میں بڑھ کے تھام پاؤں ، اے خدا ، اعجاز ہو جائے
وہ چہرہ جو اُفق کے پار اُترا ہے ، دکھائی دے
مری آنکھوں کی بینائی کرشمہ ساز ہو جائے
مرے کانوں میں پھر اُترے اُسی آواز کی خوشبو
وہی ، بارِ دگر ، آہٹ مرے ہم راز ہو جائے
جو سایہ کھو دیا ہے میں نے جلتی دھوپ میں چلتے
مرے مالک ، کرم یوں ہو ،وہ پھر دمساز ہو جائے
٭٭٭
نخلِ سایہ دار
محبتوں کی شعاعیں بکھیرتا سورج
چلا گیا ہے مگر ہے اُفق ابھی روشن
چلا گیا ہے مگر ذہن کے دریچوں میں
جو حرف اُس نے لکھے تھے وہ ہیں سبھی روشن
اُسے سمیٹ لیا ہے زمیں کی چاہت نے
مرے فلک پہ جو خاور رہا کبھی روشن
مہیب سائے مرے بام و در پہ لہرائے
تھے کل تلک تو ستارے یہاں سبھی روشن
نقوشِ راہ پہ اقبالؒ اور قائدؒ کے
قدم بڑھاتا چلا ، کیسا راز دان تھا وہ
تھا مرے گھر کے در و بام کا محافظ بھی
فصیلِ پاکِ وطن کا بھی پاسبان تھا وہ
وہ آگہی کے دیئے ہر طرف جلاتا چلا
مری زمیں پہ بصیرت کا آسمان تھا وہ
نہ خوف تھا کوئی اُس کے وجود کے دم سے
وہ سر پہ سایہ تھا ، اِس گھر کا سائبان تھا وہ
وہ پاس تھا مرے ، ایسا گمان ہوتا تھا
کہ میں کھڑی ہوں کسی نخلِ سایہ دار تلے
ہر ایک سمت ہیں روشن چراغ رکھے ہوئے
ہوا کی اوٹ میں ، رنگوں کی آبشار تلے
جو وہ نہیں ہے تو اب اِس طرح سے لگتا ہے
سمٹ گئے سبھی لمحے کسی غُبار تلے
کہ رنگ اُڑ گئے ظالم ہوا کے جھونکے میں
کہ خواب چھپ گئے ہر چشمِ اشک بار تلے
٭٭٭
اجازت اور فائل کی فراہمی کے لئے شاعرہ کا تشکر
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
طلسمِ نجومِ شب
عنبرین صلاح الدین
کتاب ''سرِ دشتِ گماں'' سے خود عنبرین صلاح الدین کا کیا انتخاب
غزلیں
یہ بام و در بھی مرے ساتھ خواب دیکھیں گے
تمام رات مرا اِضطراب دیکھیں گے
جہانِ حرف و معانی میں جس نے اُلجھایا
ہم اُس کے ہاتھ میں اپنی کتاب دیکھیں گے
وہ میرے شہر میں آئے گا اور ملے گا نہیں!
وہ کر سکے گا بھلا اجتناب ، دیکھیں گے
تمام عمر دُعا کے لئے اُٹھائے ہاتھ ،
ہیں خوش گمان ، خوشی سے عذاب دیکھیں گے
ملیں گے اُس سے کہیں دوسرے کنارے پر
سراب پار کریں گے ، سراب دیکھیں گے !
وہ مرحلہ بھی سرِ راہِ عشق آئے گا
سوال کرنے سے پہلے جواب دیکھیں گے
چھڑا کے ہاتھ کسی روز اپنی وحشت سے
فصیلِ شہرِ تمنا کا باب دیکھیں گے
سحر کے بعد شمارِ نجوم شب ہو گا
سفر کے بعد سفر کا حساب دیکھیں گے
٭٭٭
مرے گھر سے تمہارے آستاں تک
گماں کے رنگ ہیں حدِّ گماں تک
کئی موسم ہیں پھیلے درمیاں میں
بہاروں سے تری ، میری خزاں تک
ابھی سے رات کیوں ڈھلنے لگی ہے
ابھی آئیں نہیں باتیں زُباں تک
مرے رہبر کا رستہ کھو گیا ہے
کوئی لے آئے اُس کو کارواں تک
پہنچ جائیں گے اِک دن رفتہ رفتہ
تمہارے تیر بھی میری کماں تک
کئی صدیوں میں سمٹی ہے مسافت
مسافر ہیں ، چلیں آخر کہاں تک
سمجھ آئی نہیں اپنی ہمیں بھی
بنا ڈالی کسی نے داستاں تک
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)