دین و مذہب

غلبۃ الدین اور دوسرے مضامین

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (16,312 الفاظ)

غَلَبَۃِ الدَّ یِن اور دوسرے مضامین

ابو عمار سلیم

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

غَلَبَۃِ الدَّ یِن

ہمارے آقا و مولا سید المرسلین خاتم النبین صادق الوعد و الامین حضرت احمد مجتبےٰ محمد مصطفےٰ صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کی ایک بہت اہم دعا ہے جو آپ نے اپنی امت کو تعلیم کی ہے اور جو اکثر و بیشتر نمازوں کے بعد دہرائی بھی جاتی ہے۔ ہم میں سے اکثر کو یہ دعا یقیناً زبانی یاد بھی ہو گی اور ہم اس کو دہراتے بھی ہوں گے۔ اس دعا کا ایک حصہ کچھ اس طرح ہے " اَللّٰھُمَّ اِنّی اَعُو ذُ بِکَ مِن غَلَبَة الدَّیِنِ وَ قَھرُ الرّجَال" مگر ہماری بد قسمتی ہے کہ ہمیں عربی زبان سے کوئی واقفیت نہیں ہے اس لیے ہمارے ہاتھوں اس دعا کا حال بھی و ہی ہے جیسا کہ ہم دیگر قرآنی آیات کا کرتے ہیں۔
طوطے کی طرح رٹے رٹائے الفاظ ہم انتہائی سرعت کے ساتھ اپنی زبانوں سے ادا کر دیتے ہیں مگر نہ اس کا مطلب سمجھتے ہیں اور نہ ہی ان کے الفاظ ہمارے دلوں پر کوئی نقش چھوڑتے ہیں۔ اس پیاری سی دعا کا مطلب کچھ یوں ہے کہ "اے اللہ میں آپ کی پناہ مانگتا ہوں قرض کے بوجھ سے اور لوگوں کے قہر و غضب سے۔" اس کے ترجمہ کی طرف اگر بغور دیکھیں اور اس کو سمجھنے کی کوشش کریں تو اس میں راہنمائی کے بڑے بہترین اصول ملیں گے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ عربی زبان اپنی فصاحت و بلاغت میں کوئی ثانی نہیں رکھتی۔ یعنی "اک پھول کا مضمون ہو تو سو رنگ سے باندھوں " والا معاملہ نظر آتا ہے۔ حضور نبی اکرم خاتم النبین صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کی بعثت سے پہلے کا تمام عربی ادب اپنے اندر انداز بیان کی رنگینی اور زبان کی مکمل چاشنی کے ساتھ ساتھ بہت سے دیگر ادبی محاسن لیے ہوئے نظر آتا ہے جس کا فقدان دیگر زبانوں میں بہت نمایاں ہے۔ اسی لیے عرب اپنے علاوہ دیگر تمام دنیا کو (عجمی) گونگے سمجھتے تھے۔ عجیب بات یہ ہے کہ عرب کا یہ معاشرہ جس میں پڑھنے لکھنے کا کوئی رواج نہیں تھا بلکہ اس وقت تک ان کا رسم الخط بھی نہ تو متعین اور مدون ہوا تھا اور نہ ہی ان کے شعراء و ادیبوں کا کام مخطوط شکل میں موجود تھا۔ سب کا سب لوگوں کے سینوں میں محفوظ تھا اور اسی طرح سینہ بہ سینہ آگے چلتا جاتا تھا مگر اس کے بیان میں اور نہ ہی اس کے انداز میں کوئی تبدیلی واقع ہوتی تھی۔ شائد کہ الفاظ کو محفوظ کرنے کا علم نہ ہونے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ان کے حافظے کو بہت وسیع کر دیا تھا اور تمام کا تمام کلام ان میں سے اکثر لوگوں کو ازبر تھا۔ اسلام کی آمد سے کچھ ہی عرصہ قبل عربی رسم الخط کا رواج ہوا تھا اور لوگ پڑھنے لکھنے کی طرف مائل ہو رہے تھے۔ مگر جب قرآن مجید فرقان حمید کا نزول ہوا تو پھر تو گویا عربی زبان اور اس کی فصاحت و بلاغت میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو گیا جو اس قدر اثر انگیز تھا کہ پورا معاشرہ اس سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔ اور وہ تھا گفتگو اور بیان کا ایک نیا انداز۔ ایک نئی طرز کا اجرا جس میں کم سے کم الفاظ میں معانی کے پورے کے پورے دفتر بند ہوں۔ جملوں کی ایسی بناوٹ اور ایسے الفاظ کا چنا ؤ جو تھوڑے ہوں ، اختصار پیدا کریں مگر جب معنی سامنے آئیں تو ایک موجیں مارتا ہوا سمندر ہو۔ پورے کا پورا قرآن مجید اسی انداز گویائی کا آئینہ دار ہے۔ یہی تو وجہ ہے کہ اس وقت کا معاشرہ باوجود قرآن کے اس واشگاف چیلنج کے کہ اس جیسی ایک آیت بھی بنا کر لے آ ؤ ، بڑے بڑے شعراء اور زبان دانی کا دعویٰ کرنے والے گونگے ہو گئے۔ سب کی زبانیں گنگ ہو گئیں۔ سب نے اس بات کا اعتراف کیا کہ " محمد صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم جو کلام سناتے ہیں وہ اس دنیا کی چیز ہے ہی نہیں۔ نہ یہ شاعری ہے نہ نثر ، نہ جادو کے الفاظ ہیں اور نہ ہی اس میں کوئی کہانت کی بات ہے۔ یہ تو ایسا کلام ہے جس کا کوئی مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔" اور پھر قرآن مجید فرقان حمید کی اس جادو بیانی کے ساتھ ساتھ آقائے دوجہاں افضل البشر سید المرسلین افصح اللسان صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کی اپنی زبان دانی اور زور بلاغت نے مل کر ایک نئے دور کی ابتدا کی۔ آج ہمارے بزرگوں کی کاوشوں اور سمجھداریوں کی وجہ سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کی تمام گفتگو اور تقاریر و وعظ کا ذخیرہ ہمارے درمیان موجود ہے۔ ان کو زبان دان حضرات دیکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں تو اس کے اختصار کے باوجود اس میں معنی کی گہرائی کو دیکھ کر متاثر ہوتے ہیں۔ کم سے کم الفاظ میں اپنا مطلب بیان کرنے کا اس سے بہتر کوئی اندازہ مقرر نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اوپر درج شدہ دعا کے الفاظ میں بھی اختصار کے باوجود عقل و دانش کے گوہر پوشیدہ ہیں۔ آیئے ہم ان کا جائزہ لے کر اس دعا کو سمجھنے کی کوشش کریں اور اس کو جان لینے کے بعد اس دعا کو زیادہ پر اثر طریقہ سے ادا بھی کریں اور اس دعا میں پوشیدہ پیغام کے مطابق اپنی زندگیوں کو سنوار لیں۔
دعا کے الفاظ میں اللہ کی پناہ مانگی جا رہی ہے قرض کے غلبہ سے اور لوگوں کے قہر سے۔ لوگوں کا قہر و غضب اور ان کی زیادتیوں اور چیرہ دستیوں سے ہم سب لوگوں کا واسطہ وقتاً فوقتاً پڑتا ہی رہتا ہے۔ معاشرہ کے قوی الجسم ہوں یا قوی المال ہوں۔ رتبہ میں بڑے ہوں یا دماغی خناث میں بڑھے ہوئے ہوں اپنے سے کمزوروں اور کم حیثیت اور ناتواں لوگوں پر بے محابہ ظلم و ستم کرتے ہیں۔ اکثر ظلم ہم دیکھتے بھی ہیں اور بہت سے مظالم ہم اپنی جانوں پر برداشت بھی کرتے ہیں۔ ان مظالم اور ان کا ارتکاب کرنے والوں کی چیر پھاڑ ہمیں بری بھی لگتی ہے اور ہم ان سے اللہ کی پناہ بھی مانگتے ہیں۔ اس تناظر میں یہ دعا ہمیں سمجھ میں تو آتی ہے اور جہاں ایسے ظلم و ستم سے اپنے آپ کو بچانے کے لیے مدد کی ضرورت ہے وہیں اس بات کا اعادہ بھی ہے کہ ہم خود ایسے کسی ظلم کے مرتکب نہ ہوں اور لوگ ہماری زیادتیوں سے بچے رہیں۔ یہاں تک تو اس دعا کے حصے میں کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔ مگر دعا کے پہلے حصے سے ہم کچھ زیادہ نامانوس ہیں۔ سمجھتے تو ہیں کہ قرض سے پناہ مانگی جا رہی ہے ، مگر کیوں ؟۔ قرض لینا دینا انسانی معاشرہ میں ہمیشہ سے جاری و ساری ہے یہاں تک ہمارے آقا و مولا صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلمنے بھی اپنی حیات مبارکہ میں قرض لیا ہے اور ایسے کئی واقعات تاریخ میں موجود ہیں۔ تو پھر ہمیں کیوں قرض سے پناہ مانگنے کی دعا تعلیم کی جا رہی ہے۔
جہاں تک قرض کا تعلق ہے یہ انسانی ضرورت سے منسلک ہے اور اکثر و بیشتر اس کا تعلق روپیہ پیسہ کے حصول سے ہوتا ہے۔ انسان جب اپنی آمدن یا پس اندازی اور اپنی موجودہ حاجت اور ضرورت کے درمیان فرق محسوس کرتا ہے تو اپنی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اپنے وسائل سے بڑھ کر دائیں بائیں سے حاصل کرنے کی کوششیں کرتا ہے۔ عزیز و اقارب کی طرف رجوع کرتا ہے یا پھر دوست و احباب کے آگے اپنی حاجت رکھتا ہے اور جب کہیں سے کچھ نہ ملے تو پھر ایسے ذرائع ڈھونڈھتا ہے جس کے ذریعہ سے اس کی مراد پوری ہو جائے۔ادھار لیتا ہے کہ وقت مقررہ پر ادائیگی کر دے گا اور ضرورت ہو تو کچھ گروی بھی رکھ دیتا ہے تاکہ قرض دینے والے کے پاس ضمانت موجود رہے۔ اور جب اس کو اس کی ضرورت کے مطابق رقم مل جاتی ہے تو اپنی حاجت کی تکمیل کر لیتا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا قرض لینا گناہ ہے یا کوئی غیر اخلاقی حرکت ہے؟ اس کا جواب یقیناً نفی میں ہے۔ انسانی معاشرہ میں اکثر و بیشتر انسان اپنی ضروریات کی خاطر دوسروں کی مدد کا محتاج ہو جاتا ہے۔پہلے عزیز و اقارب کی طرف دیکھتا ہے پھر دوست و احباب کے آگے ہاتھ پھیلاتا ہے اور جب کچھ بھی ممکن نہ ہو تو اپنی کوئی چیز فروخت کرتا ہے یا ضمانت کے طور پر رہن رکھ دیتا ہے۔ اور اگر یہ سب کچھ نہ ہو پائے تو پھر ایک راستہ سود پر رقم کی وصولی کا ہوتا ہے۔ کوئی ضرورت مند اوپر درج شدہ کسی بھی طریقہ سے اپنی ضرورت کو پورا کرنے کی کوششوں میں کامیاب ہو جائے تو اب جو صورت حال ہو گی یعنی اس قرض کی ادائیگی اور حسب وعدہ اس کی واپسی۔ اسی صورت حال کا اس دعا میں تذکرہ ہے۔ یعنی قرض کی واپسی کا جو دبا ؤ انسان پر رہتا ہے اس کے غلبہ سے بچنے کے لیے اللہ تبارک و تعالیٰ کے آگے ہاتھ پھیلایا جا رہا ہے۔ اس کی مدد مانگی جا رہی ہے کہ اللہ اس بوجھ سے سبکدوش کرے اور حسب وعدہ بغیر کسی جھنجھٹ کے فارغ ہو جایا جائے۔ اور اگر بین السطور غور کیا جائے تو اس خواہش کا اظہار بھی موجود ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ایسی کسی صورت حال سے دوچار ہی نہ کرے کہ ہمیں قرض لینے کی ضرورت پیش آئے اور ایسا ناروا بوجھ ہماری جانوں پر آ پڑے جس کی ادائیگی راتوں کی نیند اور دن کا سکون غارت کر دے۔
ہم یہاں پر ذرا سا توقف کر کے اوپر کے بیان کے اس حصے کو تھوڑا سا اور پھیلا کر دیکھتے ہیں جس میں رقم کی وصولی کا ذریعہ سود کو بتایا گیا ہے۔ہم اور آپ سب جانتے ہیں کہ سود انسانی معاشرہ میں موجود تمام برائیوں میں سے سب سے مہلک اور خطرناک ہے۔ یہ شیطان کا پھیلا یا ہوا ایسا جال ہے جس کے تانے بانے خود اسی نے بنے ہیں اور انتہائی چابک دستی سے بنے ہیں۔ اس میں اس نے انسان کی ضرورت اور اور اس کے حصول کو ایک ایسے گناہ کے ساتھ جوڑ دیا ہے جس کا ارتکاب اللہ تبارک و تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم سے جنگ پر آمادہ ہونے کے برابر ہے۔ سود انسانی معاشرہ میں ہمیشہ سے رائج رہا ہے اس لیے کہ اس کے ڈانڈے انسان کی لالچ اور ضرورت کے بین بین ہے۔ انسان جب اپنی ضرورتوں کے درمیان اپنے آپ کو بے بس محسوس کرتا ہے جب ہی اسے قرض کے لیے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ عزیز و اقارب سہارا دے دیں تو فبھا وگرنہ اس کا حصول بغیر غلط راستہ اختیار کیے ہوئے ممکن ہی نہیں رہتا۔ چوری چکاری اور چھینا جھپٹی جیسی کسی بات کا بھی امکان ہو سکتا ہے مگر ہم اس کو فی الوقت چھوڑ دیتے ہیں اور توجہ کو صرف سود تک محدود رکھتے ہیں۔ شیطان نے انسان کی ضرورت کے پورا کرنے کے لیے اپنے ایسے گرگے اور چیلے معاشرہ میں پھیلا رکھے ہیں جو ہر ضرورت مند کو انتہائی چالاکی سے اپنے جال میں پھانس لیتے ہیں۔ آپ کو ہزار کی ضرورت ہو تو وہ آپ کو دس ہزار دینے پر آمادہ ہوں گے۔ شرائط و ضوابط ایسے خوشنما بنا دئے جائینگے کہ ان کے اندر چھپی ہوئی خباثت اور شرارت نظر ہی نہ آئے اور ہم یہ جانتے ہی ہیں کہ بنیا ہمیشہ سے یہ کہتا چلا آیا ہے کہ "ارے بیاج کو چھوڑو وہ میں تم سے کب مانگ رہا ہوں بس تھوڑے سے پیسے میرے سود والے دے دو اور اصل رقم بے شک اپنے پاس رکھو۔"اور پھر اصل رقم کی نسبت سودکے تھوڑے سے پیسے دینا کہیں زیادہ آسان نظر آتا ہے۔ پھر نہ اصل رقم اترتی ہے اور نہ سود کی جونک پیچھا چھوڑتی ہے تا وقتیکہ کہ سارا خون نہ چوس لے۔ آج کے مہذب اور ترقی یافتہ دور میں شیطان نے اس کی ایک اور بہت سائنسٹفک اور خوشنما شکل بینک کی صورت میں عنایت کی ہے اور بینکوں نے انسانوں کو لبھانے اور ترغیب دے کر لالچ میں پھنسانے کے ایسے ذرائع تشکیل دے دئیے ہیں جو ایک عام آدمی کی تو بات ہی کیا اکثر و بیشتر علماء کو بھی لبھاتا ہے۔آپ جانتے ہی ہیں کہ بینک آپ کو کس کس قسم کی سہولتیں دینے کا وعدہ کرتے ہیں اور اپنی کتنی ہی پراڈکٹ کو آپ کی ضرورتوں کی تکمیل کا مداوا بتاتے ہیں۔ سیونگ بینک ہوں یا پی ایل ایس اکا ؤنٹ ، ماہانہ آمدنی کی اسکیمیں ہوں یا سالانہ دوگنا منافع ، فکسڈ ڈیپازٹ ہوں یا سیونگ سرٹیفیکٹ ، انشورنس ہو یا گارنٹی ، پرائز بانڈ ہوں یا مکان بنانے کے لیے قرضہ کی سہولت یا پھر ایسی ہی کوئی اور چیز ، سب کی سب اسی شیطانی کوششوں کی ایک صورت ہے۔ اور اس پر سے مستزاد یہ کہ اکثر چیزوں میں بینک اور اسی طرح کے دوسرے ادارے کسی نہ کسی عالم اور دینی شخصیت کا فتویٰ بھی ساتھ میں منسلک کر کے آپ کو تسلی دے دیتے ہیں کہ سب ٹھیک ہے ، جائز ہے اور شریعت کے عین مطابق ہے۔اور اس پر مستزاد یہ کہ شیطان آپ کی آتش شوق کو خوب خوب بھڑکاتا بھی ہے۔ اخباروں میں ، چلتے پھرتے راستے میں اشتہاروں اور بل بورڈ کے ذریعہ ، ٹی وی پر دلآویز اور ذہنوں کو مسخر کرنے والے اشتہارات کے ذریعہ آپ کو یہ باور کرا یا جا رہا ہے کہ یہ سب چیزیں آپ کی زندگی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کے بغیر زندگی کا تصور ہی کیا۔ دودھ زندگی کے لیے ضروری ہے مگر خالی دودھ کیوں ، ہم نے اس میں فلاں صحت بخش چیز کا اضافہ کیا ہے یہ پی لیں اور صحت بنائیں۔ اٹھارہ یا بیس انچ کا ٹی وی کیوں۔ ارے ذرا پینتالیس انچ کا ڈیجیٹل ٹی وی تو دیکھیں تو پتہ لگے گا کہ ٹی وی کیا ہوتا ہے۔ کب تک یہ چھوٹی سی کھٹارہ گاڑی چلائیں گے ؟۔ پیسے نہیں ہیں کہ گاڑی بدل سکیں تو ہمارے پاس آئیے ہم نے آپ ہی کی خاطر ایسی اسکیم چلائی ہے کہ آپ بغیر پیسوں کے امیروں والی گاڑی ہم سے لے جائیں اور اپنی شخصیت میں چار چاند لگا لیں۔ ہمارا یہ کریڈٹ کارڈ لے لیں تو آپ کے سارے دلدر دور ہو جائیں گے۔ جیب میں پیسے نہ بھی ہوں تو بھی جو چیز جب چاہیں اس کارڈ سے خرید لیں ، ادائیگی بعد میں ہوتی رہے گی۔ ہم جانتے بوجھتے اس فریب کو قبول کر لیتے ہیں اور اس کے دام میں جا پھنستے ہیں۔ اور بقول ایک شیطان کے گرگے میکاولی کے کہ جھوٹ کو اتنا پھیلا ؤ کہ وہ سچ لگنے لگے۔ تو آج ہم یقین کی اسی حد کو چھو رہے ہیں جہاں یہ غلط کام بالکل ٹھیک اور شریعت کے عین مطابق نظر آتا ہے۔ کتنے ہی لوگ مجھ سے جھگڑ چکے ہیں کہ " آپ کو کس نے کہہ دیا کہ بینک کا انٹریسٹ سود ہے۔"اور ایک صاحب نے کہہ دیا کہ "غریب آدمی آخر گزارا کیسے کرے ؟ جو چار پیسے اس کے پاس ہیں وہ اس پر منافع حاصل کر کے اپنی زندگی کی گاڑی کو کھینچ رہا ہے اور آپ چاہتے ہیں کہ وہ بھوکا مر جائے۔" استغفراللہ کہ میں ایسا چاہوں۔ میں تو یہ چاہتا ہوں کہ آپ ٹھنڈے مزاج سے یہ سوچیں کہ جس گزارے کی آپ بات کر رہے ہیں وہ کیا ہے۔ کیا گزارے کا یہ مطلب ہے کہ ایک عالی شان مکان میں رہا جائے، چمچماتی بڑی سی گاڑی میں پھرا جائے، جب جو دل چاہے خرید لیا جائے ، اپنی کسی خواہش کو نہ مارا جائے چاہے اس کے لیے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کے مقابلے میں تیر و تلوار لے کر ہی کیوں نہ آنا پڑے۔ ایک مثال دیکھتے ہیں اور فرض کرتے ہیں کہ آپ کے دفتر میں ایک صاحب ہیں جو آپ کے ہی ہم عمر ہوں گے، ان کی تنخواہ آپ سے کہیں کم ہے ، مگر ان کے بچوں کی تعداد بھی اور دیگر ضروریات بھی آپ ہی کے برابر ہیں۔ آپ دونوں کے زندگی گزارنے کے انداز میں ایک تفاوت اور فرق نمایاں ہو گا۔تو اب ذرا سوچئے کہ اس لفظ گزارے کا اطلاق کس پر کیا جائے اور کس طرح کیا جائے۔ اگر وہ صاحب اپنی زندگی کی گاڑی کو مکمل اطمینان اور خوش اسلوبی سے بغیر کسی فالتو، غیر ضروری اخراجات کے امن اور سکون کے ساتھ چلا رہے ہیں تو ان کا گزارا ٹھیک ہو رہا ہے یا وہی صاحب آپ کی مسابقت کریں اور اپنے لیے وہ تمام سہولیات حاصل کریں جو آپ کے پاس ہیں ، تو کیا ان کا گزارا ٹھیک ہو گا یا وہ سود لے کر آپ کے برابر آ جائیں تو درست ہو گا؟ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس بات کو مد نظر رکھیں کہ ہماری آمدن کیا ہے اور اس کے ساتھ ہماری ضروریات کہاں تک جا سکتی ہیں۔ ہم جس وقت اپنی چادر سے باہر پیر نکالیں گے تو ہمیں بیرونی امداد کی ضرورت پیش آئے گی۔ اور جب ہم نے یہ سوچ لیا کہ ہمارا گزارہ نہیں ہو رہا تو اخراجات پورے کرنے کے لیے ہمیں بینک میں بھی جانا پڑے گا سود بھی لینا پڑے گا اور اس کی ادائیگی کے بوجھ تلے دبنا بھی ہو گا۔ اللہ کے بھی دشمن بنے رسول کی بھی ناراضگی مول لی اور اس کے بعد آخرت کی بھلائی کا خیال دل میں لا نا حماقت نہیں ہو گی تو اور کیا ہو گا۔گزارا ایک ایسا لفظ ہے جس کا اطلاق کسی بھی پر سکون اور مطمئن زندگی پر کیا جا سکتا ہے۔ ایک مطمئن اور پر سکون زندگی جس میں محبت بھی ہو اور اللہ کی رضا بھی ہو ، یقیناً شیطان کے اکساوے اور بے چینی پیدا کرنے والی زندگی سے کہیں بہتر ہے۔ جب ہم ہر وقت اس کوفت میں مبتلا رہیں کہ میرے پاس دوسروں سے بہت کم ہے، دوسروں کی زندگیاں زیادہ پر آسائش اور پر سکون ہے تو یقیناً ہم ایک اضطراب کا شکار ہو جائیں گے۔اور اپنی اس کم مائیگی کے احساس کو دور کرنے کے لیے اپنی چادر سے باہر پیر پھیلائیں گے تو پھر گوناگوں مشکلوں اور مصیبتوں میں پھنستے چلے جائیں گے۔ ضرورت یا ، زیادہ بہتر لفظ لالچ ہو گا ، پوری تو ہو جائیں گی مگر قرض کا دبا ؤ آپ کو آ دبوچ لے گا۔اور پھر ایک کے بعد ایک نہ جانے کتنے اور بکھیڑے آپ کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔ دن کا سکون بھی گیا اور رات کا چین بھی۔ آپ نے اگر اپنے پیر ضرورت سے بھی زیادہ ہی پھیلا لیے تو پھر آپ کے چین سکون کا اللہ ہی حافظ ہے۔ اس کے مقابلے میں اگر آپ نے اپنی گزران کو اپنے ذرائع حصول سے اور اپنی آمدن سے ملا لیا تو آپ ہزاروں لاکھوں لوگوں سے زیادہ اچھا گزارا کر رہے ہوں گے۔ اس لیے کہ زندگی میں سامان کی آسائش یقیناً اہم رول ادا کرتی ہے مگر دل کا سکون اور ذہنی پریشانی سے فراغت بھی اچھی گزران کی علامت ہے۔ زیادہ پیسے کمانا اور اپنے کاروبار کو اپنی محنت سے پھیلانا نہ تو ناجائز ہے اور نہ شریعت میں اس کی ممانعت ہے۔ سچی بات تو یہ ہے کہ اسی بات کی ضرورت ہے کہ آپ اپنے کاروبار پر محنت کریں اور آپ کا کاروبار ترقی کرے اسی کے ساتھ آپ کی آسائشیں اور مراعات بڑھتی جائیں تو انتہائی جائز اور قابل تحسین ہو گا۔ خود بھی کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں ، اپنی ذات پر بھی خرچ کریں اور اپنی آمدن میں دوسروں کا بھی حصہ رکھیں اور ان پر اخراجات اس لیے کریں کہ اللہ راضی ہو گا تو آپ نے دنیا میں بھی عیاشی کی اور آخرت کی تمام عنایات آپ ہی کے لیے ہوں گی۔ بقول قرآن مجید (لا نرید منکم جزا و لا شکورا ) کے مصداق آپ کی یہ دنیاوی عنایات آپ کے اُخروی بھلائی کا ذریعہ ہوں گی۔
دعا کے یہ الفاظ یہی تعلیم دے رہے ہیں کہ قرض کے دبا ؤ سے بچو یعنی ایسا قرض نہ لو جس کی ادائیگی وعدہ کے مطابق نہ ہوسکے یا جو ہماری قوت اور استطاعت سے بڑھ کر ہو۔ یعنی اگر قرض لینا انتہائی ناگزیر ہو جائے تو اس بات کا اندازہ کیا جائے کہ اپنی استطاعت کیا ہے ، اسی کے مطابق قرض لیا جائے۔ ایسا نہ ہو کہ آمدن تو صرف چند ہزار میں ہے مگر قرض لاکھوں میں چلا جائے۔ یہ نہ تو دانشمندی ہے اور نہ اس کو کسی قسم کی پلاننگ کا نام دے سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں لوگ قرض کی ادائیگی کرنے کی خاطر گائے کا سینگ بھینس میں اور بھینس کا سینگ گائے میں پھنسانے کی کوششوں میں اپنی صلاحیتیں صرف کر دیتے ہیں اور قرض اکثر و بیشتر اپنی جگہ موجود رہتا ہے۔قرض کا یہ دبا ؤ نہ صرف ذہنی پریشانی میں اضافہ کرے گا بلکہ صحت بھی تباہ کر کے رکھ دے گا اور پھر قرض لے کر واپس نہ کرنے کی عادت پڑ گئی تو پھر تو خدا کی پناہ پتہ نہیں کیا ہو گا۔ قرض در قرض کے شیطانی اور سودی چکر میں پڑ گئے تو دنیا بھی گئی اور دین کا بھی خسارہ ہوا۔قرض کے اس دبا ؤ کا تعلق پھر انسان کے قہرو غضب سے بھی ہے۔ جس کا قرض ادا نہ کیا تو وہ تو یقیناً اپنی طاقت اور ہمت کے مطابق آپ کی زندگی کو اجیرن کر دے گا۔ گویا قرض کا چکر دشمنیاں بھی پیدا کر دے گا اور اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑے گا۔آپ لوگوں سے چھپتے بھی پھریں گے ، جھوٹ بولنے کا گناہ بھی کریں گے اور اپنا چین و سکون بھی غارت کریں گے۔ تو کیا ایسی کسی صورت حال سے دوچار ہونے سے بہتر نہیں ہے کہ انسان قرض کے گورکھ دھندوں میں ہی نہ پڑے اور اپنی زندگی کو اپنی استطاعت اور آمدن کے بین بین رکھے۔ یہ دعا ہمیں اسی بات کی تعلیم دے رہی ہے۔ قربان جائیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کی عقل سمجھ اور دانش پر۔ آپ یقیناً افضل البشر ہیں اور آپ کی عنایات اور کرم نوازیاں ہم پر ہمیشہ جاری و ساری ہیں۔ یہ دعا اور اس جیسی دیگر ہزاروں دعائیں ہماری زندگی کی بھلائی اور ہماری اُخروی زندگی میں درجات کی بلندی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ہم ان سب کو اپنا کر یہاں کی تنگی اختیار کرنے کے لیے آمادہ ہو جائیں تو آخرت ہمارے لیے آسان ہو جائیگی۔ ان شاء اللہ۔ آمین ثم آمین۔
٭٭٭

رسول اللہؐ کی محبت کے تقاضے اور ہمارا رویہ

الحمد اللہ کہ ہم اور آپ مسلمان ہیں۔ اللہ کو ایک مانتے ہیں اور اس کے آخری رسول فخر موجودات سید المرسلین خاتم النبین حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم فداہ امی و ابی کے امتی ہیں۔ میں اس وقت جن لوگوں سے مخاطب ہوں یہ تمام حضرات وہ ہیں جو پیدائشی مسلمان ہیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کی مہربانی اور عنایات کے تحت ہم نے ایک مسلمان گھرانے میں آنکھ کھولی اور بغیر کسی تردد اور تحقیق و جستجو کے مسلمان اور مومن بن گئے۔
بس جو تھوڑا بہت والدین اور معاشرے نے مسلمانی سکھائی وہ ہم نے اپنے پلے سے باندھ لی اور اسلام کے راستے پر گامزن ہو گئے۔ کچھ سنا سنایا ایمان، کچھ عقائد جن میں پتہ نہیں کتنی غلط اور لغو باتوں کی آمیزش ہے، کچھ کچی پکی عبادتیں اور مسلمانی کے بلند بانگ دعووں کے ساتھ ہم نے اپنے آپ کو اس گروہ میں شامل کر لیا جو اللہ کی وحدانیت اور اس کی حاکمیت کے سامنے کسی چیز کو قابل اعتنا نہیں سمجھتا اور اپنے رسول کی ناموس اور عزت پر اپنی جانیں قربان کرنا جس کا سرمایہ افتخار ہے۔ ہم نے خود اپنی کوششوں اور ہمت سے اسلام کو نہ جاننے کی کوشش کی ہے نہ اس کے لیے وقت لگایا، نہ کچھ علم حاصل کیا اور نہ کسی قسم کی کوئی لائق تذکرہ تگ و دو کی ہے۔ ہماری نسبت وہ افراد جو دیگر مذاہب کے ماننے والے تھے اور جنہوں نے اسلام کو سمجھنا چاہا تو اس کے بارے میں معلومات حاصل کیں ، پڑھا اور لوگوں سے گفت و شنید کی اور جب انہوں نے اسلام کے محاسن کو جاناتو پھر اسلام سے دور نہ رہ سکے۔ ہم بخوبی جانتے ہیں کہ وہ جن کو ہم Converts کہتے ہیں ، اسلام پر جس طرح وارفتہ اور شیدا ہیں ہماری اور آپ کی وارفتگی کسی درجہ میں ان سے برابری نہیں کر سکتی۔ وہ لوگ مسلمان ہوئے ہیں تو صرف اپنی عقل اور سمجھ کو استعمال کر کے۔ انہوں نے اسلام کو پسند کیا اور اختیار کر لیا۔ یہ لوگ Practical اسلام والے ہیں۔ اپنی اپنی علمی حدود کے اندر وہ اسلام کے بہت قریب ہیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کے والا و شیدا بھی ہیں۔ ان کے مقابلے میں ہم جو پیدائشی مسلمان ہیں ، اسلام سے نسبتاً دور ہیں مگر حضور پاک نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم سے محبت کا بڑی شد و مد سے اقرار کرتے ہیں۔ وہ تمام غیر مذاہب کے لوگ جنہوں نے اسلام کی بڑی شدید نکتہ چینی کی ہے اور اسلام کو کسی طور بھی دین الٰہی ماننے کو تیار نہیں ہیں ، فخر موجودات سید المرسلین صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کی ذات مبارک پر آ کر خاموش ہو جاتے ہیں اس لیے کہ انہیں اس سراج منیر میں کوئی داغ دھبہ نظر نہیں آتا اور بلا جھجھک آپ کی تعریف کرتے ہیں۔ یہ اسلام کے دشمن تو ہیں مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کے دشمن نہیں ہیں۔ ان کے مقابلے میں ہم اسلام کے پیروکار تو ہیں اور کلمہ بھی پڑھتے ہیں مگر ہمارا شمار ان لوگوں میں ہی ہونا چاہئے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کے دشمن ہیں۔
کیا آپ کو یہ بات ناگوار لگی؟ کیا آپ یہ پڑھ کر چونک اٹھے کہ دشمنان رسول میں میں اور آپ بھی شامل ہیں ؟ آپ شاید اتفاق نہ کریں مگر میرا خیال ہے کہ اس کا جواب اثبات میں ہے۔ اس فہرست میں میں اپنے آپ کو سب سے اوپر رکھتا ہوں اس لیے کہ میں آپ سے بڑھ کر دشمن ہوں اور یہ میرے لیے سرمایہ افتخار نہیں بلکہ اس پر شدید شرمندگی ہے۔میں نے اگر ایسی بات کہی ہے تو اس کے پیچھے کچھ جواز بھی ہو گا۔ ذرا غور کیجئے کہ ہم نام لیوا اور امتی ہیں ان کے جو ہر لحاظ سے لائقِ اتباع اور قابلِ احترام ہیں۔ جن کا اسوہ ہمارے لیے راہِ ہدایت ہے، خُلُقِ عظیم ہے۔ مگر دیکھیں تو ہماری زندگیوں میں ان کے طرزِ عمل، ان کے اخلاق، ان کے کردار اور اللہ سے ان کی محبت کا شائبہ بھی نہیں ہے۔ ہم بے شک ان کے نام کا کلمہ بھی پڑھتے ہیں اور ان سے وفاداری کا دم بھی بھرتے ہیں مگر سوچیے کہ کیا ہم واقعی وفادار ہیں ؟ کیا ہمارے اعمال میں وہ خلوص، عبادتوں میں اللہ کا خوف اور افعال میں وہ پاکیزگی ہے جس کا ہمارے دل و جان سے پیارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم درس دے گئے ہیں اور ان تمام باتوں سے قطع نظر اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے قران میں حکم دیا کہ (اَلنَّبِيُّ اَوْلٰى بِالْمُؤْمِنِيْنَ مِنْ اَنْفُسِهِمْ وَاَزْوَاجُهٗٓ اُمَّهٰتُهُمْ ) یعنی "پیغمبر مومنوں پر ان کی جانوں سے بھی زیادہ حق رکھتے ہیں اور پیغمبر کی بیویاں ان کی مائیں ہیں " (سورة الاحزاب 6)۔ قرآن کے اس حکم کے بعد حبّ رسول کے تقاضوں کے اوپر زیادہ کچھ کہنے سننے کی ضرورت بھی باقی نہیں رہتی۔ اگر ہم اس بات کو محسوس کریں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کا حق ہمارے اوپر کیا ہے تو ہم ایک لمحہ کے لیے ایسا کوئی کام نہ کریں جو رسول کی اپنی زندگی کے اصولوں سے بر خلاف ہو۔ نام لیوا ہیں تو جان چھڑکنے سے بھی گریز نہیں ہوسکتا تو پھر ان کے احکامات کو بلا چوں و چرا کیے مان لینا ہی اصل محبت ہو گی۔ ان کے احکامات سے اغماض برتنا انتہائی غلط اور ان کی غلامی سے نکل جانے کے برابر ہو گا۔ جب ہم ان کے لائے ہوئے دین کی بے حرمتی کریں گے، اس دین کے اوامر و نواہی سے بے رغبتی ظاہر کریں گے اور ان احکام پر عمل نہیں کریں گے تو پھر کیا ہم اسلام کے پیروکار کہلائیں گے اور کیا ہمارا حب رسول کا تقاضہ صرف دکھاوا نہ ہو گا۔ جب ہم ان احکام کی کھلم کھلا خلاف ورزی کریں گے تو جو دیکھے گا وہ یہ کہنے میں حق بجانب ہو گا کہ ہمارے اندر ایمانی روح ہے ہی نہیں۔ ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم سے محبت کب کی؟ ہم نے تو مغائرت برتی ہے۔ اب ہم لاکھ شور مچائیں اور نعرے بازی کرتے پھریں ، ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کے پیرو تو نہیں گردانے جا سکتے اور نہ ہی ان کے شیدائی کہلانے کے حق دار ہیں۔ سیدھی سادھی زبان میں یہ کہیں کہ ہمارا رویہ تو آقائے نامدار سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم سے دشمنی کا رویہ ہے۔
اپنے ارد گرد نظر دوڑا کر دیکھیں کہ کیا ہماری نمازوں اور روزوں اور ایسی ہی گنتی کی چند دوسری عبادات کے آگے ہمارا کوئی عمل ہمارے رسول کے اسوہ سے اور ہمارے مذہب سے میل کھاتا ہے؟ جھوٹ و فریب، چوری دھوکا اور چالبازی، دوسروں کے حقوق کی پامالی، مال و زر کی ہوس، فحاشی و ناچ گانا، عریانی و بے حیائی، ناحق کی چھین جھپٹ، خون کی ارزانی، تجارتی ہیر پھیر، سود خوری اور چور بازاری، خود ستائی کِبر و عُجب، دوسروں کی تحقیر چغلی اور پتہ نہیں کیا کیا۔ یعنی بقول شاعر " آں کہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری " کیا ایسی ہی معاشرتی غلط کاریوں میں ہم اور آپ ملوث نہیں ہیں ؟ کہیں کم کہیں زیادہ۔ اس میں مبالغہ تو نہیں ہو گا اگر یہ کہا جائے کہ ہمارا پورا معاشرہ گھن کھائی ہوئی لکڑی کی طرح ہے۔ بودا اور کمزور۔ نہ اس معاشرہ میں کوئی جان ہے نہ بڑھنے کی صلاحیت نہ اپنا دفاع کرنے کی قوت۔ یہ پورا معاشرہ فی الوقت گندگی کے ایک ڈھیر کی طرح ہے جس سے بدبوکے بھبھکے اٹھ رہے ہیں۔ بے غیرتی اور بے حسی کی یہ انتہا ہے کہ کہ اتحاد نام کی کوئی چیز نہ من حیث القوم ہے نہ من حیث الامت۔ پھر کسی کو اپنی عزت اور غیرت بچانے کی فکر بھی نہیں ہے۔ دنیا کی اقوام باری باری ہمارے جسموں میں اپنے پنجے گاڑتی چلی جا رہی ہیں ، ہماری شہ رگ سے قریب سے قریب تر ہوتی جا رہی ہیں مگر کسی کو اس بات کی فکر نہیں ہے۔ کتنے علاقے مسلمانوں کے چھین لیے گئے۔ کتنی حکومتوں کو گرا د یا گیا۔ کتنی اسلامی سر زمین پر دشمنوں کی افواج دندنا تی پھر رہی ہیں۔ کتنے معدنی وسائل پر غیروں کا قبضہ ہو گیا ہے۔ کتنے علاقوں پر روز بم داغے جا رہے ہیں اور کتنے مسلمان ہر روز موت کے گھاٹ اتارے جا رہے ہیں مگر کیا امت کے کان پر جوں رینگی۔ بے کسی ہے، بے بسی ہے، کم ہمتی ہے، بے حیائی ہے یا اپنی جان کا خوف ہے، کیا ہے؟ اتنا کچھ امت مسلمہ کے ساتھ ہو گیا مگر نہ تو حکومتی سطح پر کوئی کارروائی ہوئی اور نہ علماء کے سطح پر کوئی جنبش ہوئی۔ ہر ایک کے اپنے مفادات ہیں۔ کون بولے گا؟ سنا تھا کہ پوری امت ایک جان کی مانند ہے۔ جسم کے ایک حصے پر چوٹ لگے تو دیگر حصے بھی تکلیف محسوس کرتے ہیں۔ فلسطین میں کیا ہو رہا ہے، افغانستان اور عراق میں کیا قیامتیں گزر گئیں ، لیبیا میں کتنا خون بہا۔ آج شام، مراکش اور خود پاکستان میں کیا خون خرابہ نہیں ہو رہا ہے مگر یہ کیسا جسم ہے کہ اس کو کوئی تکلیف نہ محسوس ہو رہی ہے اور نہ کسی درد کا احساس ہو رہا ہے۔ یعنی پورا جسم ہی فالج زدہ ہو گیا ہے۔ کیا ہمارے آقا و مولا نے ہمیں یہی تعلیم دی تھی۔ نہیں ہر گز نہیں۔ میرے منہ میں خاک، خدانخواستہ ہم خود اسلام سے بیگانہ ہیں۔ نہ ہم مسلم ہیں نہ ہمیں حضور پاک علیہ السلام سے کوئی الفت یا لگاؤ ہے۔
انفرادی سطح پر ہم سب چاہتے ہیں کہ معاشرہ ٹھیک ہو جائے۔ چور بازاری، بے حیائی، مہنگائی، قتل و خوں ریزی اور ایسی ہی دوسری تمام برائیاں جڑ سے ختم ہو جائیں۔ ہر طرف امن و سکون ہو جائے۔ مگر ہم ذاتی طور پر کسی قسم کی کوئی کارروائی کرنے کو تیار ہیں ، نہ ہی کوئی قربانی دینا چاہتے ہیں۔ اپنا معاش، اپنی بیوی بچے، اپنا گھر اور اپنا چین و سکون جو بھی ہے اور جیسا بھی ہے اس میں کوئی رخنہ نہیں پڑنا چاہئے مگر معاشرے میں جتنا بگاڑ ہے وہ سب دور ہو جانا چاہئے۔ میں بھی کچھ نہ کچھ ضرور کروں گا مگر آپ تو بسم اللہ کیجئے۔ میں جانتا ہوں کہ ہر ایک کو انفرادی طور پر ٹھیک ہونا ہے اس لیے آپ پہلے ٹھیک ہو جائیں۔ رشوت بری چیز ہے آپ رشوت لینی بند کر دیں۔ دوسروں کا مال ناجائز طور پر ہڑپ مت کریں۔ سود ی معاملہ تو اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کے برابر ہے اس لیے بھائی آپ سودی کاروبار سے باز آ جائیں۔ دوسروں کے حقوق پر غاصب مت ہوں اور سن لیں میری طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہیں میں تو ٹھیک ہو ہی جاؤنگا آپ لوگ شروعات کریں۔ ہر شخص دوسرے کو مشورہ دینے کو تیار بیٹھا ہے مگر خود ایک قدم بھی نہیں اٹھائے گا۔ پھر وہی ہو گا کہ راتو ں رات شہر کی آبادی سے ہر ایک نے ایک ایک بالٹی دودھ حوض میں ڈال دیا۔ صبح کو حوض پانی سے لبا لب بھرا ہوا تھا دودھ کا کہیں نام و نشان نہ تھا۔ معاشرے کے افراد کی یہ روش ہو گی تو معاشرہ کیسے بہتر ہو گا۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ مگر یہ خود بخود تو نہیں مٹتا۔ افراد ہی اس کو مٹانے کا کام کرتے ہیں۔ اللہ ربّ العزت نے تو قرآن میں اپنا حکم سنا دیا ہے کہ کسی قوم کی تقدیر وہ اسی وقت تبدیل کرتا ہے جب قوم اس کے لیے محنت کرتی ہے۔ یہ بھی کہا ہے کہ انسان کو وہی ملتا ہے جس کے لیے وہ محنت کرتا ہے۔ اتنا واضح حکم ہونے کے باوجود بھی اور اللہ کی سنت ( جو کبھی تبدیل نہیں ہوتی) کا علم ہونے کے بعد بھی ہمارا طرزِ عمل کیا ہے؟ کبھی غور کریں۔ جمعہ کے بعد اور عیدین کی نماز کے بعد مولانا صاحب جو دعائیں مانگتے ہیں ان کے الفاظ پر کبھی غور کیا ہے۔کس خوبصورتی اور صفائی سے وہ تمام باتوں کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ کے کندھوں پر ڈال دیتے ہیں۔ " اے اللہ! اس ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیجئے۔ اے اللہ ! ہمیں شر پسندوں کے شر سے بچا لیجئے۔ اے اللہ ! ہمارے دشمنوں کو نیست و نابود کر دیجئے۔ اے اللہ ! ہمیں یہود و ہنود کی سازشوں سے بچا لیجئے۔ اے اللہ ! دشمنوں کے ہتھیار انہی پر چلا کر انہی ہتھیاروں سے ان کا قلع قمع کر دیجئے۔" چلیے اللہ اللہ خیر سلا۔ ہمارا کام ختم۔ ہم نے تو اللہ تعالیٰ کے آگے درخواست گزار دی ہے۔ انہیں ان کے حبیب کا واسطہ بھی دے دیا ہے۔ امید ہے کہ وہ اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم کے امتیوں کی فریاد ضرور سنے گا۔ اے نادان اور احمق مسلمانو ! سن لو کہ اللہ کو اپنے حبیب صلی اللہ علیہ و آلیہ وسلم سے جتنی محبت ہے وہ ہم سب لوگوں کی اجتماعی محبت سے کروڑوں کروڑوں گنا زیادہ ہے۔ اس نے کبھی اپنے حبیب کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑا۔ وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔ اس طرح کی چاپلوسیوں سے یقیناً ہمارا کام نہیں بنے گا۔ قرآن کا اعلان ہے کہ اللہ اپنی سنت یعنی عادت نہیں تبدیل کرتا ہے۔ جب اس نے بتا دیا ہے کہ مجھ سے کچھ چاہئے تو اپنے حصہ کی محنت کرو اور پھر نتیجہ میرے اوپر چھوڑ دو۔ ان شاء اللہ اس کی مدد آئے گی اور ضرور آئے گی۔ ہم خود کو تبدیل نہ کریں اور یہ امید رکھیں کہ ہماری ساری چیزیں ٹھیک ہو جائیں ، یہ کیسے ممکن ہے۔ بدر کے دن مسلمان نہتے تھے مگر لوہے سے اٹے ہوئے دشمن کے آگے جا کر ڈٹ گئے۔ دنیا کے کسی اصول کے تحت ان کو فتح نہیں ہو سکتی تھی۔ مگر ہو اکیا؟ دنیا آج بھی دانتوں میں انگلیاں ڈالے سوچ رہی ہے کہ یہ ہوا کیسے؟ یہ اللہ کی مدد تھی اور ان لوگوں کو ملی جنہوں نے اپنے حصے کا کام کیا اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیا۔
ہم نے ایک ملک اسلام کے نام پر حاصل کر لیا اور اس کا نام اسلام کا قلعہ رکھ دیا اور اس قلعہ میں بند ہو کر بیٹھ گئے۔ اس قلعہ کے باہر کتنی توپیں قلعہ کی طرف رخ کیے کھڑی ہیں ، ہمیں اس کا ادراک ہی نہیں ہے۔ قلعہ کی دیواروں میں کتنے شگاف پڑ گئے ہیں ؟ ابھی ہم نے دیکھا ہی نہیں ہے۔ قلعہ کے اندر سے کتنے لوگ دشمن کے ساتھ مل گئے ہیں اور قلعہ کا دروازہ کھولنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں ابھی ہم نے اس کا جائزہ ہی نہیں لیا ہے۔ ذرا سوچئے کہ کیا ہمارا حال اس سے مختلف ہے؟ کیا اس صورتحال کے ساتھ ہم اپنا، اپنی انفرادی و اجتماعی آزادی اور ناموس وطن و مذہب کی حفاظت کر سکتے ہیں ؟
کیا ان حالات میں واقعی اللہ ہماری مدد کو آئے گا اور پھر ہمارا طوطی بولنے لگے گا؟ نہیں۔ ایسا ہر گز نہیں ہو گا۔ کبھی بھی نہیں ہو گا۔ ضرورت ہے کہ ہم اپنے آپ کو تبدیل کرنا شروع کر دیں۔ اپنے آپ کو دیکھیں اور اسلام کے بتائے ہوئے احکامات پر کار بند ہو جائیں۔ قربانیاں دیں ، اپنا نقصان ہو تو فکر نہ کریں۔ دوسروں کے اعمال سے ہمیں کوئی غرض نہ ہو۔ ہم سود سے اجتناب کریں ، کاروبار میں ایمانداری اپنائیں ، جھوٹ فریب دہی اور دھوکا چھوڑ دیں۔ خلوص اور دینداری کے ساتھ محنت کریں تو ان شاء اللہ اس کی مدد ہمارے شامل حال رہے گی اور زیادہ دن نہیں گزریں گے کہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ پھر جمعہ ا ور عیدین پر مانگی ہوئی ہماری تمام دعائیں اللہ تعالیٰ سب کی سب من و عن قبول کر لیں گے۔ ان شاء اللہ۔
میں اسی امید پر زندہ ہوں کہ ایسا ہو گا۔ میں نے اپنی زندگی میں تو ایسا کچھ نہیں کیا۔ شاید ہمت، غیرت اور حمیت دینی کی کمی تھی۔ مگر میرے بچوں کا معاملہ ایسا نہیں ہے۔ میں نے اپنے بچوں کو اسلام کی تعلیم دی ہے۔ ان کو دین پر کار بند کر دیا ہے۔ انہیں سود کی لعنت سے دور رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان کا کریڈٹ کارڈ ضد کر کے زبردستی بند کروادیا ہے۔ جھوٹ اور دھوکہ دہی، حرام خوری اور حرام کاری سے اجتناب کا مکمل درس دے دیا ہے۔ رشوت لینے اور دینے سے انہیں منع کر دیا ہے۔ دنیا کی حرس اور لالچ کی تمام خباثتوں سے انہیں آگاہ کر رکھا ہے۔ اللہ کے آگے جھکنے اور اس کی رضا حاصل کرنے کی بڑی سختی سے تاکید کر رکھی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ میرے بچے دنیا کے سب سے اچھے بچے ہیں اور مجھ سے تو کروڑوں درجے بہتر ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ میرے بچے ہی اس ملک کو تباہی سے بچائیں گے، اسلام کو سر بلند کریں گے۔ غریبوں کی حمایت اور دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے۔ امت مسلمہ پر برا وقت آیا تو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر اپنے دین کا دفاع کریں گے۔ ان شاء اللہ۔ انہیں یقیناً سربلندی اور سر افرازی ملے گی۔ اسلام کا نام بلند ہو گا تو انہی کے دم سے ہو گا۔ مگر ذرا توقف کریں اور پیچھے مڑ کر دیکھیں "میرے والد صاحب مرحوم نے مجھے بھی تو ان ہی باتوں کی تعلیم دی تھی اور اسی طرح کا درس دیا تھا......... تو پھر ہوا کیا......... آج ہم ایسے کیوں ہیں ؟
٭٭٭

قران مجید میں خفیہ شیطانی تنظیموں کی نشاندہی

خرم سلیم مترجم : ابو عمار محمد سلیم

قرآن مجید میں خفیہ شیطانی تنظیموں کی نشاندہی

جس دم شیطان لعین و رجیم اللہ تبارک و تعالیٰ کے دربار میں اپنی حکم عدولی کی بدولت مردود ہوا اسی دم سے وہ حضرت آدم علیہ السلام اور ان کی ذریت کا دشمن ہو گیا۔ یہ دشمنی آناً فاناً پیدا ہوئی اور اس قدر شدید ہوئی کہ اس ابلیس لعین نے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں یہ قسم کھائی کہ وہ رہتی دنیا تک انسان اور اس کی نسل کو ورغلائے گا اور سیدھے راستے سے بھٹکائے گا تاکہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے آگے یہ ثابت کر دے کہ اس نے جس مخلوق کو احسن التخلیق کہا ہے وہ اس قابل نہیں ہے کہ اللہ کی خلافت اس کو سونپی جائے اور پھر وقت ضائع کیے بغیر اپنے دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لیے مصروف عمل ہو گیا اور جہاں اس نے اپنی ہی جنس میں سے اپنے حمایتی بنا لیے وہیں اس نے حضرت آدم علیہ السلام کو جنت سے نکالنے کے لیے پروگرام ترتیب دیا اور چالیں چلنے لگا۔ کچھ ہی عرصہ میں وہ اپنی شاطرانہ چالوں میں کامیاب ہوا اور بھولے بھالے اور اس کے مقابلے میں انتہائی کم عمر اور نا تجربہ کار میاں بیوی کو جنت سے نکالنے میں کامیاب ہو گیا۔یہ انسانیت کے خلاف اس کی پہلی کامیابی تھی۔ اس کے بعد سے آج تک اس نے اور اس کے چیلوں نے لمحہ بھر کے لیے بھی چین نہیں لیا ہے۔
وہ ایسے لوگوں کا انتخاب کر تا ہے جو اپنی فطری طبیعت کی بدولت اللہ کے بتائے ہوئے راستہ سے ذرا بھی بھٹک گئے ہوں۔ وہ فوراً حملہ کرتا ہے اور ان کو اپنا گرویدہ بنا لیتا ہے اور سیدھے راستے سے ہٹادیتا ہے۔شروع دن سے لے کر آج تک اس نے اپنا کام انتہائی انہماک اور چابکدستی سے کیا ہے اور ایک بڑا گروہ اپنے حما یتیوں کا تیار کر لیا ہے جو اس کے حکم پر چلتے ہیں اس کے احکام سے ذرا بھی سر تابی نہیں کرتے۔ شیطان کی اس ریشہ دوانیوں اور آدمیت کو بھٹکانے کی عظیم سازشوں کے مقابلہ میں اللہ باری تعالیٰ نے بھی اپنی طرف سے اس کی رشد و ہدایت کا راستہ کھلا رکھا اور انسانیت کو بھٹکنے سے بچانے کے لیے پے در پے اپنے رسول اور پیغمبر مبعوث کیے جنہوں نے انسانیت کی اصلاح کی اور آدم کی نسل کو دوبارہ صحیح راستہ پر ڈالنے کی سعی کی اور تعلیم کا اہتمام کیا۔
حق و باطل کی یہ کشمکش انسانی معاشرے میں انتہائی اہمیت کی حامل رہی ہے۔ شروع شروع میں شیطانی کید اور فریب نوزائدہ انسانی معاشرے کے سیدھے سادھے معاملات کی طرح زیادہ پرکار نہیں تھے بلکہ عام فہم تھے۔ وہ تمام عوامل اور چیزیں جن سے انسان ڈرتا تھا اور جن سے اس کو نقصان پہنچتا تھا جیسے درندے ، سانپ ، آگ ، آسمانی بجلی اور موسم کی شدت وغیرہ یا پھر وہ چیزیں جو انسان کے فائدے کی تھیں اور ان سے انسان کو منفعت تھی جیسے گائے ، گھنے اور سایہ دار درخت، سورج اور چاند وغیرہ ان کو ابلیس نے انسان کی نظروں میں بڑی اہمیت دلائی اور ان کی پوجا کروانے لگا تا کہ وہ خوش رہیں اور نقصان دہ چیزوں کے عذاب سے بچا جائے اور منفعت والی چیزیں اپنا فائدہ پہنچاتی رہیں۔ بھولی بھالی انسانیت اس کے چال میں آ گئی اور ان چیزوں کی پرستش کرنے لگی اور آج تک ایک بڑی آبادی ان کی پرستش کرتی چلی آ رہی ہے۔ مگر جیسے جیسے انسانی ذہن ارتقا پذیر ہوا اور ترقی کرتا گیا اور انسانی معاشرہ نے اپنے علم ، عقل اور تجربہ کی بنیاد پر ایسی فرسودہ اور غیر عقلی شہادتوں پر اعتبار کر نا کم کر دیا تو شیطان نے بھی اپنی چال پلٹ دی اور پھر حضرت انسان کو عقلی اور علمی بنیادوں پر پچھاڑنے کے لیے اپنا پلان بنا لیا۔ انسان کو صحیح راستہ پر قائم رکھنے کے لیے اللہ باری تعالیٰ نے اپنی ہدایت اور اصلاح کا سر چشمہ جاری و ساری رکھا۔اس کے بھیجے ہوئے نمائندے مستقلاً انسان کو سیدھا راستہ دکھاتے رہے اور شیطانی چالوں میں پھنسنے سے بچانے کی سعی کرتے رہے۔
آج کے دور میں شیطان نے اپنے پیروکاروں کا ایک بڑا گروہ تیار کر رکھا ہے جو اس کے احکامات پر دل و جان سے عمل کرتے ہیں اور اس کے حکم سے سرتابی نہیں کرتے۔ اس نے اپنے پیرو کاروں کو مختلف گروہوں میں بانٹ رکھا ہے۔ بظاہر یہ سارے گروہ بے ضرر لگتے ہیں اور انسانیت کی بھلائی کے کام کرتے دکھائی دیتے ہیں مگر ان سب کا مطمح نظر شیطان کی پوجا اور اس کے احکامات پر عمل کرنا اور کروانا ہوتا ہے جو انسان کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ ان تمام گروہوں کا مقصد واضح طور پر یہ نظر آتا ہے کہ ان کے آنے والے بادشاہ مسیح الدجال کی آمد کا راستہ ہموار ہو جائے۔اور اس کے ظاہر ہونے سے پہلے ہی دنیا میں اس کی بادشاہت کے اعلان اور قیام کے وقت دنیا کے تمام وسائل ان گروہوں کے قبضہ میں ہوں۔ آج کے دور میں جو شیطانی گروہ مصروف عمل ہیں ان میں سے چند مشہور اور فعال سوسائیٹیاں مندرجہ ذیل ہیں :

١۔فری میسن Free Masons
٢۔ایلو میناٹی Illuminati
٣۔اسکل اینڈ بون Skull and Bones
٤۔ بوہیمین کلب Bohemian Club
٥۔ بہائی اور بابی تنظیمیں Babism and Bahai Movements
٦۔قادیانیت Qadyanism
وغیرہ وغیرہ

قران مجید فرقان حمید نے نہ صرف یہ کہ اپنے ماننے والوں کے لیے صاف اور واضح الفاظ میں ان گروہوں کی نشاندہی بھی کر دی ہے اور انہیں بتا بھی دیا ہے کہ ان کا طریقہ کار کیا ہے بلکہ ان کے فتنے سے بچنے کی تلقین بھی کی ہے۔سورة البقرہ کے شروع کی آیات میں ہی اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے ایک ایسے گروہ کا تذکرہ کیا ہے جو اجتماعی طور پر فساد برپا کرتے ہیں۔ اللہ علیم و خبیر نے ان کے ہدف کو بھی ظاہر کر دیا ہے بلکہ ان کے بگڑے ہوئے اعتقادات اور گھناؤنے عزائم کے علاوہ اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے طریقہ کار ، اور ان کے انتظامی ڈھانچے کے بارے میں بھی اطلاعات فراہم کر دی ہیں۔ اللہ پاک نے تو ان کے سرکردہ لوگوں اور سرغنہ کا بھی پتہ بتا دیا ہے۔ مختصراً یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ تمام آیات یاجوج ماجوج اور ان کے لیے کام کرنے والے دیگر گروہوں کی طرف اشارہ کر رہی ہیں۔ ان کی تفصیل آگے چل کر دیکھتے ہیں۔

شیطانی طریقۂ کار

ابلیس نے اپنے پیروکاروں کو یہ ہدایت جاری کر رکھی ہے کہ اللہ سے ڈرنے والے لوگوں میں گھل مل جایا جائے اور ان کو بھٹکانے اور راستے سے اغوا کر لینے کے لیے مندرجہ ذیل طریقہ کار میں سے کوئی یا سب اپنایا جائے اور اپنا مقصد حاصل کر لیا جائے۔

(الف) ظاہری ایمان کا مظاہرہ کر کے:

یہ لوگ مسلمانوں کو دھوکہ دینے کے لیے خود کو بھی مؤمنین میں سے ظاہر کرتے ہیں۔ اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھنے کا بڑی شدت سے پرچار کرتے ہیں۔ ان کے لیے قران کا بیان ہے:
( وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَّقُوْلُ اٰمَنَّا بِاللّٰهِ وَبِالْيَوْمِ الْاٰخِرِ وَمَا ھُمْ بِمُؤْمِنِيْنَ (8) يُخٰدِعُوْنَ اللّٰهَ وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْا (9) [البقرة : ٨-٩]
'' اور لوگوں میں سے ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لائے حالانکہ وہ مومنین میں سے نہیں۔ وہ اللہ اور جو لوگ ایمان لائے انہیں دھوکہ دیتے ہیں۔ ''
آج کے دور میں یہ طریقہ کار فری میسن والوں کا ہے۔

(ب) ایمان کی جزئیات سے انکار:

یہ گروہ مؤمنین سے میل جول بھی رکھتا ہے مگر ایمان کی بنیادی جزئیات کا مکمل انکار کرتا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ عام عوام الناس نے جس ایمان کو اپنایا ہوا ہے ان سے ان کو کوئی سروکار نہیں بلکہ ان کا اپنا مقام عام لوگوں کی نسبت بہت ارفع اور اعلیٰ ہے۔وہ عام لوگوں کو حقارت سے دیکھتے ہیں اور ان کی پیروی کرنے کو بہت برا جانتے ہیں۔ ان کے لیے قران مجید نے فرمایا:
( وَاِذَا قِيْلَ لَھُمْ اٰمِنُوْا كَمَآ اٰمَنَ النَّاسُ قَالُوْٓا اَنُؤْمِنُ كَمَآ اٰمَنَ السُّفَهَاءُ ) [البقرة : ١٣]
'' اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ ایمان لاؤ جیسا کہ لوگ ایمان لائے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ کیا ہم ایمان لائیں جیسے یہ بے وقوف ایمان لائے۔ ''
یہ رویہ آج کے دور کے ایلومیناٹی کا ہے جو اپنے آپ کو سب سے زیادہ گیان والے اور اللہ کی کائنات کا راز دان سمجھتے ہیں۔ عام آدمی کو بھیڑ بکریوں سے زیادہ اہمیت نہیں دیتے اور اپنے آپ کو سب پر حاوی سمجھتے ہیں۔

(ج) ذہنی بیماری کی علامات:

ان لوگوں کے دماغ میں شیطانیت اور خباثت نے بڑی گہری جڑیں ڈال رکھی ہیں۔ ان کی یہ بیماری ناقابل علاج اس لیے ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے ان کی اس بیماری میں شدت سے اضافہ کر دیا ہوا ہے۔ ملاحظہ کریں قرآن کا بیان ان کے لیے یہ ہے کہ
( وَاِذَا قِيْلَ لَھُمْ اٰمِنُوْا كَمَآ اٰمَنَ النَّاسُ قَالُوْٓا اَنُؤْمِنُ كَمَآ اٰمَنَ السُّفَهَاۗءُ ) [البقرة : ١٠]
''ان کے دلوں میں مرض ہے ، پس اللہ نے ان کی بیماری کو بڑھا دیا ہے۔ ''
ان کے دلوں کی بیماری میں الٹی منطق ، پیچیدہ قیل و قال ، عجیب و غریب رسوم ، جنسی بے قاعدگیاں وغیرہ شامل ہیں اور یہ سب علامات بوہیمین گروپ اور اسکل اینڈ بونس کے کارندوں کے لوگوں میں موجود ہیں بلکہ ان کا طرہ امتیاز ہیں۔

(د) منفی رویہ پر مبنی اہداف:

ان تمام گروہوں میں یہ بات مشترک ہے کہ وہ اپنے آپ کو صالحین اور ہدایت یافتہ سمجھتے ہیں۔ جو کچھ یہ کر رہے ہوتے ہیں اسے درست اور اصلاح کا ذریعہ بتا تے ہیں۔ قران پاک نے ان کے اسی رویہ کے بارے میں یوں تبصرہ کیا کہ
( وَاِذَا قِيْلَ لَھُمْ لَا تُفْسِدُوْا فِى الْاَ رْضِ ۙ قَالُوْٓا اِنَّمَا نَحْنُ مُصْلِحُوْنَ ) [البقرة : ١١]
'' اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں فساد مت برپا کرو تو وہ کہتے ہیں کہ ہم تو صرف اصلاح کرنے والے ہیں۔ ''
یہی لوگ تو ہیں جو آج این جی اوز کا روپ دھار کر ہمارے اندر دندنا تے پھر رہے ہیں اور ہماری اصلاح کے کوشاں ہیں۔ ہماری اصلاح ہو رہی ہے یا ہمیں شیطان کے دام میں پھنسایا جا رہا ہے؟

(ذ) خفیہ گٹھ جوڑ اور خفیہ میٹنگ:

ان گروہوں کے سر بر آوردہ لوگ وقتاً فوقتاً آپس میں ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں اور اپنی سرگرمیوں سے ایک دوسرے کو آگاہ کرتے ہیں۔ آئندہ کا پروگرام تشکیل دیتے ہیں اور اس پر عمل درآمد کے لیے لائحہ عمل تیار کرتے ہیں۔ ان کے اس گٹھ جوڑ کو قران نے یوں بیان کیا
( وَاِذَا خَلَوْا اِلٰى شَيٰطِيْنِهِمْ ۙ قَالُوْٓا اِنَّا مَعَكُمْ ) [البقرة :١٤]
'' اور جب وہ اپنے شیاطین کے ساتھ تنہا ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم تو تمہارے ساتھ ہیں۔ ''
نیز ملاحظہ ہو سورة البقرة آیت ٦ ٧ اور سورہ آل عمران آیت ١١٩، ١٢٠۔

(ر) شیطان ان کا سرغنہ ہے:

ان تمام گروہوں کے مقامی لیڈر بھی چھوٹے شیاطین ہیں اور اپنے سے بڑے شیطان کے ما تحت ہیں اور اسی کو رپورٹ کرتے ہیں اور ان سب کا سب سے بڑا سرغنہ ابلیس لعین ہے جس تک ان میں سے صرف چند کی پہنچ ہے۔اور اس کا پتہ قران کی اس بات سے چلتا ہے جب قران کہتا ہے
( وَاِذَا خَلَوْا اِلٰى شَيٰطِيْنِهِمْ ) [البقرة :١٤]
"کہ جب یہ اپنے شیاطین کی طرف واپس لوٹتے ہیں۔ "
قرآن میں یہ پہلا مقام ہے جہاں شیطان کا ذکر کیا گیا ہے۔ وہ بھی بہ صیغہ جمع۔ اگلے دو حصوں میں ہم یہ ذکر کریں گے کہ یہ شیاطین کس طرح فسادی تنظیموں کو منظم ، متحرک کر کے ان کی قیادت کریں گے۔

ابلیسی اہداف کیا ہیں ؟

اوپر دئے گئے گروہوں اور ان کے مشن کو بغور دیکھا جائے تو ان اہداف کا پتہ چلتا ہے جو یہ لوگ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اور ان سب اہداف کا بنیادی مقصد صرف یہ ہے کہ انسان کو اللہ کی بتائی ہوئی ہدایت سے بھٹکایا جائے اور بنی آدم کو اللہ کی نظروں سے گرا دیا جائے تاکہ یوم آخرت اسے گمراہ ثابت کیا جا سکے اور ابلیس کے بلند بانگ دعوے کو جو اس نے اللہ کے حضور کیے تھے سچ ثابت کر دیا جائے۔ چھوٹے گروپوں کے چھوٹے اہداف یہ ہیں کہ پوری دنیا کو ایک ایسی غلامی میں جکڑنے کی طرف لے جا یا جائے کہ انسانیت جہاں بے بس ہو جائے اور پھر آخر میں اس مسیح دجال کی بادشاہت قائم ہو جائے جو فلسطین سے بیٹھ کر پوری دنیا پر بلکہ جن و انس پر شان سے حکومت کرسکے۔ ایسی حکومت جو صرف حضرت سلیمان علیہ السلام کے شایان شان رہی تھی۔آثار قیامت کے احوال اور اس سے قبل ہونے والے جن واقعات کا احادیث مبارکہ سے پتہ چلتا ہے ان کا جائزہ لینے سے ان شیطانی گروہوں کے ذریعہ سے انجام پانے والے عجیب و غریب واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ سب ابلیس کی مکارانہ ذہنیت اور شاطرانہ چالوں کا شاخسانہ ہے۔عمومی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان تمام شیطانی تنظیموں کا متفقہ ہدف مندرجہ ذیل باتوں کا حصول ہے:

(الف)پوری دنیا کو ایک چھوٹے سے گلوبل ولیج Global Village میں تبدیل کر دینا جس میں خدائی کا کوئی تصور نہ ہو

( ب)پوری دنیا میں صرف ایک حکومت کا قیام ہو جو شخصی اور ملکی حدود و آزادی کا خاتمہ کر کے اس تصور کو مٹا دے۔

(ج) دھوکہ دہی ، سازشی اور جھوٹی معیشت کا قیام ہو جائے جس کا دارومدار اس کاغذی کرنسی پر ہو جس کی اپنی کوئی قدر و قیمت نہ ہو۔ یوں بغیر کسی مادی وسائل کے دولت کے انبار لگا لیے جائیں۔

( د )سود کو اس قدر خوش نما بنا کر پیش کیا جائے کہ یہ تمام دکھوں کا مداوا نظر آئے اور انسانیت سود کی زنجیروں میں جکڑ کر بے دست و پا ہو جائے۔

( ر )ایک ایسا معاشی نظام قائم ہو جائے جس میں زر تجارت نہ سونا ہو نہ چاندی بلکہ ردی کاغذی کرنسی اور پلاسٹک کے کارڈ رواج پا جائیں جس کی اپنی کوئی قیمت نہ ہو اور جس کا مکمل کنٹرول اسرائیل کے سرکاری بینک کے زیر انتظام ہو اور ساری دنیا کی دولت صرف یہود کے ہاتھ میں چلی جائے۔

( ز )پوری دنیا میں چلائی گئی عورتوں کے حقوق کے نام کی تحریک کو اتنا فعال بنا دیا جائے کہ معاشرہ کا بیلنس بگڑ جائے۔ رات کو دن میں تبدیل کیا جائے۔ لڑکی لڑکی سے شادی کرے یا مرد مرد کے ساتھ۔ جس کا جیسے دل چاہے اپنا وقت گزارے کوئی روک ٹوک نہ ہو۔ انسانی تقدس بھی پامال ہو اور معاشرہ سے خاندان کی اکائی کا خاتمہ ہو اور معاشرہ افراتفری میں مبتلا ہو جائے۔

( س )بڑے بڑے اسپورٹس کے مقابلوں کا انعقاد ، نمائشیں ، کھیل تماشے ، ناچ گانے کے کنسرٹس ، مس ورلڈ اور مس یونیورس ، مقابلہ حسن کی تشہیر، ورلڈ کپ کے کرکٹ، فٹبال اور دیگر کھیل کود اور تفریح کی بھر مار، امریکہ اور دیگر ممالک کے صدارتی انتخابات وغیرہ کو اس انداز سے پیش کیا جائے کہ گویا انسانیت انہیں چیزوں کے گرد گھومنے کا نام ہے۔ یہی باتیں سب سے اہم ہیں اور ان میں حصہ لینا اور ان کے بارے میں معلومات رکھنا ہی وقت کا سب سے اہم تقاضہ ہے۔ان چیزوں مین جوئے اور سٹے کو شامل کر کے ان کو مزید دلچسپ ، خوشنما اور فائدہ مند بنا دیا جا تا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کے لبھاوے میں آ جائیں۔ پوری دنیا کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اسی کی تشہیر میں لگی رہے اورساری دنیا اسی لہو لعب میں ڈوب جائے۔اسی کو اصل سمجھے۔اور دیکھئے کہ قران نے تو پہلے سے ہی بتا رکھا ہے کہ جب قیامت آئے گی تو لوگ کھیل تماشے میں مشغول ہوں گے۔

( ش )ٹی وی اور اس کے دیگر تمام چینل بھی اسی شیطانی پراپیگنڈے کی تشہیر میں لگے ہوئے ہیں۔ عریانی ، فحاشی ، بے حیائی، اقدار کی پامالی اور ان سے انحراف کا درس ، بڑوں چھوٹوں کی عزت اور خواتین کی حرمت ہر ایک چیز قربان ہوتی چلی جا رہی ہے۔ یہاں تک کہ وہ چینل جو اپنے آپ کو اسلامی کہلاتے ہیں وہ بھی اسی دوڑ میں شریک ہیں۔ انہیں اس بات کا ادراک بھی نہیں ہے کہ وہ اسلام کے نام پر غیر اسلامی خرافات کو فروغ دے رہے ہیں اور انہی اہداف کے حصول کے لیے شیطان کے چیلوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ یہ نہ تو اسلام کی کوئی خدمت کر رہے ہیں اور نہ اسلامی اقدار اور تعلیمات کو لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔ اگر ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ان سوالات کا جواب تلاش کیا جائے تو مجھے یقین ہے کہ ان تمام سوالوں کا جواب منفی میں ہی ملے گا۔

١۔ کیا یہ تمام چینل امت کو ایک متحد ہ پلیٹ فارم پر جمع کر رہے ہیں ؟

٢۔ کیا یہ چینل قوم اور امت کی تربیت کر رہے ہیں ؟ کیا یہ چینل لوگوں کو اللہ باری و تعالیٰ کی اطاعت کا درس دے رہے ہیں ؟

٣۔ کیا اسلام صرف خوش الحانی سے گلا پھاڑ کر نعت خوانی کا نام ہے؟

٤۔ کیا ان چینلز پر علماء نے آ کر امت کو اسلامی طرز حکومت کے خدوخال اور انداز حکومت کے بارے میں سمجھایا؟

٥۔ کیا ان چینلز کے ذریعہ اسلامی معاشی نظام کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دی گئی اور موجودہ سودی معاشی نظام سے روکا گیا؟

٦۔ کیا انہوں نے یہ بات کبھی بھی لوگوں کو بتائی کہ مسلمانوں نے کیا ترقی کی اور یہ کہ مسلمان کولمبس سے قبل امریکہ دریافت کر چکے تھے۔

٧۔ ریڈ انڈین قبیلہ چیروکی سارا کا سارا مسلمان ہو گیا تھا مگر اب سب کو کیوں اور کس طرح عیسائی مذہب میں تبدیل کر دیا گیا۔

٨۔ مسلم اسپین میں مسلمان سائنسدانوں نے ہوائی جہاز ایجاد کیا اور اس کی اس وقت اڑان کی جب کہ مغرب کا اس علم کا باوا آدم لیونارڈو ڈی ونسی Leonardo Da Vinci اس کے کئی صدیوں بعد پیدا ہوا۔

٩۔ امت محمدی ﷺ کو چوبیس گھنٹے کی نعت خوانی ، محفل میلاد اور تلاوت کلام پاک کی بغیر استفادہ کی تلاوت کلام پاک میں محصور رکھنے سے امت کی بھلائی نہیں ہو سکتی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قران کریم کے ذریعہ سے لوگوں کی اصلاح کی جائے۔معاشرے سے بے دینی ختم ہو اور اللہ کی حاکمیت قائم ہو۔ قران کے احکامات کو پھیلایا جائے تاکہ معاشی اور معاشرتی مسائل قران و حدیث سے حل کیے جائیں۔ نعت خوانی حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت میں اضافہ کا ذریعہ بنے اور آپ کی سنت مطہرہ لوگ اپنی زندگیوں میں ڈال لیں تاکہ معاشرہ ان راستوں پر چل نکلے جو اللہ اور اس کے رسول کا مطمح نظر رہا ہے۔

شیطانی گروہوں کا ایک اجمالی جائزہ

گو کہ شیطان نے انسان کے دنیا میں آتے ہی اس کو اپنا گرویدہ کرنے اور اس کو اپنے ساتھ ملانے کی کوششیں شروع کر دی تھی اور وہ تمام لوگ جو اللہ کے بنائے ہوئے قوانین سے اور قواعد و ضوابط سے برگشتہ ہوئے شیطان کے قبضہ میں آتے چلے گئے۔یوں تو شیطان نے ہر دور میں اپنا گروپ قائم رکھا اور ان کے ذریعہ سے فساد برپا کرتا رہا مگر آج کے دور میں جبکہ خاتم النبین ﷺ کی آمد کے بعد قیامت کے قیام کی بڑی اور واضح نشانی ظاہر ہو گئی تو شیطان کو بھی یہ احساس ہے کہ انسانیت کو بہکانے کے لیے اس کے پاس اب بہت تھوڑا وقت رہ گیا ہے۔ابلیس کی عمر حضرت انسان سے کہیں زیادہ ہے۔ اس نے آسمانوں کی سیر کی ہے ، فرشتوں کا سردار رہا ہے ، لوح محفوظ کو دیکھ چکا ہے ، اللہ کی سنت کو اپنی آنکھوں سے دیکھ چکا ہے ، انسان سے قبل کی اللہ کی مخلوق پر اللہ کا قہر و غضب اسی کے ہاتھوں نازل ہوا ہے اور وہ اس کی قہاری اور اس کے غصہ کا شاہد ہے۔ اللہ کی قدرت کاملہ کی بہت ساری چیزوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ چکا ہے۔ان چیزوں کی روشنی میں یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ وہ ہم سے زیادہ چالاک اور ہوشیار ہے۔ پھر یہ کہ اس کے پاس اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ بہت سی ایسی طاقتیں ہیں جو انسان کو ودیعت نہیں ہوئیں۔ وہ انسان کو تخلیق کے مرحلہ سے گزرتے ہوئے بھی دیکھ چکا ہے اور انسانی عقل اور تدبر کو پروان چڑھتے ہوئے بھی اس نے دیکھا ہے۔اسے ہماری ضرورتوں کا بھی علم ہے ، ہماری لالچ کو بھی جانتا ہے، ہماری کمزوریوں سے بھی واقف ہے اور ہمارے حوصلے کا اور اس طاقت کا بھی اس کو علم ہے جس کا استعمال کر کے ہم آناً فاناً اللہ کی رضا حاصل کر سکتے ہیں اور اس مالک کائنات کا تقرب ہمیں مل سکتا ہے۔ وہ پوری طرح آگاہ ہے اور ہم سے اچھی پلاننگ تیار کر رکھی ہے۔ اس کو خوف ہماری صرف اسی ایک چیز سے ہے کہ اگر ہم اس کے خلاف ڈٹ جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اس پر غالب آنے سے نہیں روک سکتی۔ اسی لیے اس کا تمام پلان ہمیں اس صورت حال میں پہنچنے سے پہلے تھپک تھپک کر سلا دینے کا ہے۔
ابلیس آج اپنے ماضی سے زیادہ متحرک ہے۔ پوری تاریخ انسانی میں اس نے جتنے لوگوں کو بھٹکایا انہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتا گیا اور اپنا گرویدہ بنا تا چلا گیا۔ اور یوں ہزاروں برسوں کی اس کوششوں نے اسے ایک بہت بڑے گروہ کا سربراہ بنا دیا ہے۔ آج اس کی کوششیں مختلف جہتوں میں کام کر رہی ہیں اور بہت فعال ہیں۔ آئیے ذرا ماضی میں جھانک کر دیکھتے ہیں کہ اس کا طریقہ کار کیا رہا ہے۔

١۔ہاروت و ماروت کا زمانہ ( سورة آل عمران)

اللہ پاک نے انسان کی آزمائش کے لیے حضرت سلیمان علیہ السلام کے زمانے میں دو فرشتوں کو زمین پر بھیجا۔ ان کا مشن یہ تھا کہ وہ انسان کو ایک خاص علم کی تعلیم دیں۔ یہ علم اچھے کاموں کے لیے بھی استعمال ہو سکتا تھا اور غلط چیزوں اور مقاصد کے لیے بھی۔ ہاروت و ماروت جب کسی کو یہ علم سکھاتے تو انہیں پہلے سے بتا دیتے کہ یہ علم نہ سیکھو کیونکہ اگر اس کا غلط استعمال کر بیٹھے تو نقصان اٹھاؤ گے اور یہ کہ یہ علم انسان کے لیے ایک امتحان ہے۔ شیاطین جن و انس نے جنہیں جادو ٹونے سے دلچسپی تھی انہوں نے یہ علم سیکھا بھی اور اس کا خوب غلط استعمال بھی کیا۔ اس کے ذریعہ سے وہ میاں بیوی میں ناچاقی کرا دیتے تھے اور معاشرے میں بگاڑ پیدا کر دیتے۔اوپر سے مستزاد یہ کہ یہ مشہور کر دیا کہ یہ جادو تو خود حضرت سلیمان علیہ السلام نے انہیں سکھایا ہے۔چونکہ حضرت سلیمان علیہ السلام کی بادشاہت جنوں پر بھی تھی اور ان کے پاس ایسی مافوق الفطرت طاقتیں تھیں جو پہلے کبھی کسی کو نہیں ملی تھیں تو ان کا یہ جھوٹ خوب پھیلا یہاں تک کہ قرآن نے شہادت دی کہ اللہ کے رسول کا اس میں کوئی ہاتھ نہ تھا۔حضرت سلیمان علیہ السلام نے اس فتنہ کو روکنے اور اس کا سدباب کرنے کے لیے ایسے تمام مخطوطات کو جمع کیا اور اس کو اپنے تخت کے نیچے دفن کر دیا۔ ( واللہ اعلم)

٢۔ ٹمپلر نائٹس Templar Knightsکا زمانہ

صلیبی جنگ کے دور میں مقدس مقامات کی زیارت کو جانے والے عیسائی زائرین کی حفاظت کے لیے ٹمپلر نائٹس کی تنظیم بنائی گئی۔ یہ لوگ زائرین کو بھی تحفظ دیتے اور جو زائر اپنا مال ان کے حوالے کر دیتا وہ اس کی حفاظت کرتے اور یورپ میں جہاں کہیں وہ اپنا سامانٍ واپس لینا چاہتا وہاں کے لیے اس کو ایک رسید مل جاتی اور وہ زائر اس جگہ سے اپنے مال کی مالیت وصول کر لیتا تھا۔یہ موجودہ دور کے بینکنگ کی ابتدائی شکل تھی۔
انہی ٹمپلر نائٹس کے بارے میں مشہور ہے کہ حضرت سلیمان کے دفن کیے ہوئے مخطوطات ان کے ہتھے چڑھ گئے اور اس کی بدولت انہوں نے اس جادو کے دور کا احیا کیا جو صدیوں پہلے اللہ کے رسول نے ختم کر دیا تھا۔ انہوں نے یہودی کبالہ کی رسم کا دوبارہ اجرا کیا اور شیطانی پوجا پاٹ کا اہتمام کیا۔ ہم یہ اس لیے کہہ رہے ہیں کہ ١٣ اکتوبر ١٣٠٧ ء میں ٹیمپلرز پر ایک مقدمہ چلایا گیا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ شیطان کی پوجا کرتے ہیں ، سدومیت اور دیگر جنسی جرائم میں ملوث ہیں اور دیگر غیر قانونی اور غیر انسانی کام میں بھی ان کا ملوث ہونا ثابت ہوا۔انہیں اس کی پاداش میں زندہ جلا دیا گیا۔ جو جل گئے سو جل گئے بقیہ جو بچے وہ غائب ہو گئے اور صلیبی جنگوں کے کوئی دو سو سال کے بعد واپس منظر عام پر آئے مگر اس وقت تک ان لوگوں نے ایک ایسا مضبوط اور مربوط بینکینگ سسٹم قائم کر لیا تھا اور سود پر رقم ادھار دے کر اتنے لوگوں کو اپنے چنگل میں گرفتار کر لیا تھا کہ کوئی ان کے خلاف کچھ بول نہ سکتا تھا۔ بڑے بڑے سر بر آوردہ لوگ ، سیاسی شخصیتیں ، بادشاہ اور امراء یہاں تک کہ عیسائی چرچ کے پادریوں کی ایک بڑی تعداد بھی ان کے دام میں پھنسی ہوئی تھی۔یہ سولہویں صدی کا دور تھا جب انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی جنگ کے دوران انہوں نے اسکاٹ لینڈ کی مالی اعانت کی اور یوں ظاہر ہونے کے بعد اسکاٹ لینڈ میں ان کو مکمل تحفظ مل گیا۔انہوں نے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا اور اب فری میسن کہلانے لگے اور اسکاٹ لینڈ میں اپنے عقائد کا پرچار کرنے لگے۔

ہم بچپن سے یہ سنتے آئے ہیں کہ عملیات اور کالا جادو وغیرہ شیطانی کام ہیں۔ جو لوگ ان اعمال کے کرنے میں ملوث ہو جاتے ہیں انہیں اور بھی دیگر بہت سے غلط اعمال کرنے پڑتے ہیں جن میں شیطان کی پوجا اور قران مجید کو الٹا پڑھنا وغیرہ شامل ہیں۔ جب کوئی ایسا کام کرتا ہے تو کوئی نہ کوئی شیطان اس کے ساتھ شامل ہو جاتا ہے اور اس کا دوست بن جاتا ہے اور اپنی غیر مرئی طاقتوں سے اس کا ہاتھ بٹا تا ہے۔ چھوٹے موٹے لوگوں کے ساتھ چھوٹا شیطان اور بڑے لوگوں کے ساتھ ان کا بڑا گرگا شامل ہوتا ہے۔اس میں آج کوئی شک نہیں ہے کہ ایلومیناٹی اور فری میسن شیطان کی پوجا کرتے ہیں اور انسانی جانوں کی قربانی دیتے ہیں۔ اسلام کے دور سے قبل بھی دنیا کے معاشرہ میں ان کے دیوی دیوتاؤں مثلاً کالی ، لات و منات وغیرہ کے آگے قربانی دی جاتی تھی اور ان کے قدموں میں خون نچھاور کیا جاتا تھا اور یہ رسم آج بھی جاری و ساری ہے۔امریکہ میں کیلی فورنیا کے مقام مونٹ ریو میں آج بھی دنیا کے سارے '' بڑے '' اکٹھے ہوتے ہیں اور اس اجتماع کو بوہیمین گروو Bohemian Groove کا نام دیا جاتا ہے۔ اس اجتماع کے بارے میں وکی پیڈیا یہ کہتا ہے:

''کلب کے قیام کے وقت سے ان کا نشان امتیاز Mascot) (الو ہے جو عقل و دانش کا نمائندہ ہے۔اس گروہ میں ایک تالاب ہے جس کے بالائی حصہ میں الو کا ایک بہت بڑا بت نصب ہے اور اس بت خانے کا ڈیزائین ہیگ پیٹیگیان نے بنایا تھا جو اس کلب کا دو مرتبہ صدر رہ چکا ہے۔ ١٩٢٠ میں اس کی تعمیر ہوئی اور ١٩٢٩ کے بعد سے ہر سال اس کلب کے سالانہ اجتماع میں یہ جگہ قربان گاہ کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ اوراس کلب کا مربی سینٹ جان آف نیپومیک ہے جس کے بارے میں مشہور ہے کہ بوہیمیا کے بادشاہ کے ہاتھوں موت قبول کر لی مگر ملکہ کا راز بادشاہ کو نہیں بتایا۔اسی تالاب کے کنارے اس سینٹ کا ایک بڑا مجسمہ نصب ہے اور مجسمے نے اپنے منہ پر انگلی رکھ کر خاموشی اور راز داری کا نشان بنایا ہے۔اور یہی راز داری ہے جو اس کلب کا طرہ امتیاز ہے۔''

سوچنے کی بات یہ ہے کہ یہ کلب دنیا کے صرف بڑے لوگوں کے لیے کیوں وقف ہے۔ اس کی ممبر شپ صدر بش سینیر اور جونیر، ہنری کیسنجر ، جمی کارٹر ، روتھس چائلڈ اور راک فیلر جیسے لوگوں تک کیوں محدود ہے اور پھر یہ کہ دنیا بھر کے اتنے بڑے لوگوں کا اجتماع ہوتا ہے اور دنیا بھر کا پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا خاموش رہتا ہے اور اس کی کوئی خبر نشر نہیں ہوتی۔کیوں ؟

ہم مسلمانوں کو یہ تعلیم دی گئی ہے کہ جب کوئی ستارہ ٹوٹتے دیکھیں تو لاحول ولا قوة الا باللہ پڑھیں۔ ہم جانتے ہیں کہ جب کوئی شیطان آسمان کے کناروں پر آ کر چھپ کر کوئی راز حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ایک انگارہ اس کی طرف مارا جاتا ہے۔ حق یہ ہے کہ یہ جنات اور شیاطین آسمان کی حدود میں داخل نہیں ہو سکتے مگر ان کے گرد گھومتے پھرتے رہتے ہیں اور آسمانی گفتگو کی سن گن لیتے ہیں۔ کوئی بھنک ان کے کانوں میں پڑ جائے تو یہ لے اڑتے ہیں اور آ کر اپنے چیلے چانٹوں کو سناتے ہیں اور چونکہ جن کو وہ یہ سب کچھ بتاتے ہیں ان کے علاوہ کسی عام انسان کو ایسی کوئی خبر نہیں ہوتی اسی لیے شیطان کے یہ چیلے اپنے آپ کو ایلومیناٹی یعنی '' روشن کیا ہوا '' کہلاتے ہیں۔

ابلیس نے ایلومیناٹی کو ایک الگ تنظیم کے طور پر کھڑا کیا تھا مگر بعد میں اس کے کچھ لوگ فری میسن ہو گئے اور ان ہی کے ذریعہ سے 'ایک دنیا ایک حکومت' کا نظریہ پروان چڑھا۔آج ایلومیناٹی گروپ کے چند بڑے ایسے ہیں جن کے پاس دنیا کے مستقبل کا ابلیسی نقشہ موجود ہے جس پر دنیا کو ڈھالا جا رہا ہے۔ یہ خفیہ تنظیمیں ہمیشہ سے موجود رہی ہیں اور ان کے تاریخی شواہد بابل کی تہذیب میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ تاریخ میں وقوع پذیر تمام معاملات کے تانے بانے ایک دوسرے کے ساتھ ملائے جا سکتے ہیں جن سے ایک واضح تصویر نظر آتی ہے۔تاریخ میں جھانک کر دیکھیں تو اس میں چند قدیمی دیوتاؤں کا تذکرہ ملتا ہے۔ان میں سے ایک ' ہورس ' Horus ہے جو مصر کا سورج دیوتا ہے۔ ' انوناکی ' یا مایا تہذیب کا سانپ دیوتا 'کوکلکاں ' ہے ، ہندوؤں کے شیوا اور کرشنا سے تو ہم واقف ہی ہیں جو شطرنج کے سیاہ و سفید بساط پر بیٹھا دکھائی دیتا ہے۔ شطرنج کی یہ بساط ماضی میں بھی موجود تھی اور حال میں بھی اس کا ایک اہم رول ہے۔ فری میسن کے تمام لاجز Lodges میں اسی بساط کا فرش بچھا ہوا نظر آتا ہے۔

قرآن مجید فرقان حمید سے ہمیں جنوں کی موجودگی اور ان کے وجود کی اطلاع ملی ہے۔ قرآن ہی بتاتا ہے کہ ان میں مسلمان جن بھی ہیں اور شیطان بھی اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جن انسانوں کو دوست بنا تے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے مددگار بھی ہوتے ہیں۔ جنوں نے ہماری نبی اکرم ﷺ کے ہاتھوں پر اسلام بھی قبول کیا ہے۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ حضور پاک ﷺ نے اپنی کسی بھی دنیاوی ضرورت کے لیے جنوں کی مدد طلب نہیں کی۔یہ صرف شیاطین جن ہیں جو شیاطین انس سے ملاپ رکھتے ہیں اور بقول قران ایک دوسرے کے ہمنوا اور دوست ہوتے ہیں۔ مگر ایسے کسی فرد کے لیے آخرت میں کوئی حصہ نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم مسلمانوں کو ان سے ملاپ اور اختلاط سے اجتناب کا حکم ملا ہے۔دوسرے مذاہب کے لوگ ان قیود کی پابندی نہیں کرتے۔اور ہماری معلوم جہتDimension جس میں ہم موجود ہیں سے آگے جا کر دوسری جہتوں Trans Dimensional Contactمیں داخلہ کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی جہتوں کے اختلاط سے شیطان کے پجاری اپنی غیر مرئی قوتوں میں اضافہ کرتے ہیں اور اس کے بدلے میں شیطان کے دست نگر اور آلہ کار بن جاتے ہیں۔ شیطان کی پوجا کرتے ہیں اور اس کی عنایات کے طالب رہتے ہیں۔ آپ انٹر نیٹ پر جا کر شیطان کی پوجا اور اس کی پوجا کے لیے قائم کیے ہوئے چرچوں کے احوال معلوم کر سکتے ہیں۔ آپ کو اندازہ ہو گا کہ یہ لوگ کس طرح اس کے چنگل میں گرفتار ہوتے ہیں۔ بلکہ یو ٹیوب وغیرہ پر آپ کو بہت سے ایسے لوگوں کے انٹرویو مل جائیں گے جو شیطانی چرچ سے باغی ہوئے اور توبہ کی اور سب کچھ صاف صاف بتا دیا ہے۔ ان شیطانی اعمال میں کچھ ایسے کام بھی شامل ہوتے ہیں جو کسی خاص وقت اور معین تاریخ میں کیے جاتے ہیں۔ ان کے ان عملیات اور قربانیوں کے صلہ میں شیطان ان کو اپنی ابلیسی قوتوں سے نوازتا ہے۔ شطرنج کی بساط جس کا اوپر تذکرہ ہوا اسی اختلاط کو حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اسی بساط کی تشہیر آپ کو دنیا کے تقریباً ہر علاقہ میں نظر آئے گی۔ ٹیکسیوں کے اوپر ، پولیس کی ٹوپی اور ان کی گاڑیوں کے اوپر،فری میسن لاجز اور عیسائی چرچوں کے اندر،ہندوؤں کے مندر اور ان کے دیوتاؤں کی تصویروں میں وغیرہ وغیرہ۔

شیاطین کا آپس میں رابطہ بھی انہی علامات سے ہوتا ہے۔ آج بہت لوگ جانتے ہیں کہ '' سب کچھ دیکھنے والی آنکھ '' The All Seeing Eye جو امریکی ڈالر میں بھی دکھائی دیتی ہے وہی آنکھ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اہرام اور ان کی تصاویر اور بڑے بڑے داخلی دروازوں پر بھی نظر آتی ہے۔ یہ داخلی دروازے بھی بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور دنیا بھر کے قدیمی اور جدید آرکیٹکچر میں دو بڑے بڑے منقش ستونوں کے ذریعہ ظاہر کیے جاتے ہیں۔ یہ سب شیطانی وساطت کی نشانیاں ہیں اور شیطان کی پوجا کے اظہار کا ذریعہ ہیں۔ آج مسجد اقصیٰ کو گرا کر اس کی جگہ ایک یہودی مندر یا سیناگاگ کی تعمیر کا منصوبہ بھی اسی شیطانی پوجا کا ایک حصہ ہے۔ اسرائیل کا یہ منصوبہ اللہ کی عبادت کے لیے نہیں بنا یا جا رہا ہے بلکہ ایک ایسا مندر ہو گا جہاں شیطان کی پوجا ہو گی۔اور شیطان کا سب سے شاہکار مہرہ '' مسیح الدجال '' یہاں سے ہی بیٹھ کر ساری دنیا پر حکومت کرے گا۔

اگر آپ اسرائیل کے جھنڈے کو دیکھیں تو اس میں اوپر نیچے کی دو نیلی لکیریں دریائے نیل اور دجلہ و فرات کا نشان ہیں جبکہ درمیان میں ایک چھ کونوں والا ستارہ ہے۔ مشہور ہے کہ یہ حضرت داؤد علیہ السلام کا ستارہ ہے جو غلط ہے۔ اور پھر یہ کہ یہود کے پیغمبر تو سیدنا حضرت موسیٰ علیہ السلام ہیں نہ کہ حضرت داؤد علیہ السلام۔اپنے پیغمبر کی کوئی نشانی انہوں نے کیوں نہیں لگائی۔ یہود دراصل حضرت داؤد اور حضرت سلیمان علیہم السلام کو پیغمبر مانتے ہی نہیں بلکہ ان کے نزدیک وہ جادوگر اور کاہن تھے۔ نعوذ با للہ من ذٰلک۔ یہ چھ کونوں والا ستارہ دراصل اپنی زمینی جہت سے نکل کر ماورائی جہتوں Cross Dimensional Sphere میں داخلہ کا ایک استعارہ ہے اور یہ اعلان ہے اس بات کا کہ یہود تمام دنیاوی اور غیر مرئی طاقتوں کا استعمال کر کے دنیا اور اس سے آگے بڑھ کر پوری کائنات پر قبضہ کا ارادہ رکھتے اور اپنی بادشاہت قائم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے دنیا بھر میں فساد برپا کیا ہوا ہے۔ عیسائی مذہب میں داخل ہو کر اس پاک و صاف دین مطہرہ کی ایسی شکل برباد کی کہ اللہ کی پناہ۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو اللہ کا بیٹا بنایا بلکہ اس کی خدائی میں شریک کر دیا۔ پرانے مصری و یونانی دیومالائی دیوتاؤں سے ان کی مشابہت کی گئی۔ مصر کے ایک آنکھ والے ہورس دیوتا سے ان کو تشبیہ دی گئی۔ اتوار یعنی سورج کے دن کو ان کے ماننے والوں کا مبارک دن قرار دیا۔ ٢٥ دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کا دن مقرر کیا جو کہ غلط ہے اور یہ دن یونانی دیوتاؤں سے کسی کی پیدائش کا دن ہے۔ اس دن کو کرسمس کے تہوار کے لیے مخصوص کر دیا گیا۔ جبکہ خود بہت سے عیسائی فرقے دسمبر کی بجائے جنوری یا جون میں آپ علیہ السلام کا دن مناتے ہیں۔ اور یہ سب کچھ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بعثت کے صدیوں بعد ٣٢٥ء میں ان کے بڑوں کی کاؤنسل(Council of Nicaea) میں طے کیا گیا۔آج آپ کسی بھی عیسائی گرجا میں چلے جائیں تو وہاں آپ کو سورج کی تصویر ملے گی۔ ایک سب دیکھنے والی آنکھ بھی کسی دیوار یا کسی منقش چیز میں پیوست ہوئی نظر آئے گی۔یا ایک اہرام بمع ایک آنکھ کے موجود ہو گا اور پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جیسے یہود نے اپنی تورات کو تالمود سے تبدیل کر لیا اسی طرح انجیل مقدس کو بائبل کی شکل دے دی گئی اور خرافات سے بھر دیا گیا۔اللہ پاک نے قرآن کی حفاظت کا وعدہ فرمایا ہے تو اس میں تو وہ کوئی تصرف نہ کر سکے۔ تا آنکہ یہود کو دنیا کی سیادت سے محروم کر کے یہ قیادت مسلمانوں کے حوالے کر دی گئی۔

یہ تمام خفیہ سوسائیٹیاں شیطان کی خفیہ ایجنسیاں ہیں۔ ان ہی کے ذریعہ سے شیطان نے دنیا کے تمام ذخائر پر قبضہ کر رکھا ہوا ہے۔اطلاعات کی ترسیل اور ان کی اشاعت کا نظام ان ہی کے ہاتھوں میں ہے۔ تمام دنیا کا میڈیا ان کے قبضہ میں ہے اور جو وہ چاہتے ہیں وہ عوام کے لیے منظر عام پر لایا جاتا ہے۔ جو وہ نہ چاہیں اس کی کسی کو کانوں کان خبر نہیں ہوتی اور یہ ساری اطلاعات خواہ زمین سے متعلق ہوں یا آسمانوں کے کونوں سے چھپ کر حاصل کی گئی ہوں سب ان کے قبضہ میں ہے۔ایلومیناٹی کا ادارہ ان اطلاعات کی رسائی کے دروازے کا چوکیدار ہے۔دنیا میں جتنے بھی انرجی اور قوت کے مراکز ہیں وہ سب ان کے ہاتھ میں ہیں۔ اور ان ہی مراکز کے تحت وہ دنیا وی جہتوں سے نکل کر غیر مرئی اور کائناتی انرجی تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ اسی دنیاوی اور کائناتی انرجی کے مقاطع کو یا ایک دوسرے سے ملنے والی جگہوں کو '' وورٹیکس پوائنٹ ''Vortex Pointکہتے ہیں۔ جس کی نشاندہی ایک کراسCross کے ذریعہ سے کی جاتی ہے۔کہا جاتا ہے کہ جب دو مختلف انرجی کی لہریں ایک دوسرے کو قطع کرتی ہیں تو انسان ان کے ذریعہ ایک نئی جہت میں داخل ہو جاتا ہے اور اس نئی جہت کو ڈبل کراس Double Cross یا آٹھ کونوں والے ستارے سے ظاہر کیا جاتا ہے۔

ہمیں قرآن مجید سے سات آسمانوں اور سات زمینوں کا پتہ چلتا ہے۔علماء نے یہ بتا یا ہے کہ کائنات سات مختلف جہتوں یعنی Dimensions پر مشتمل ہے۔ ہم انسان اپنی جہت میں رہتے ہیں اور دیگر مخلوقات مثلاً فرشتے اور جن ایک الگ جہت کے باشندے ہیں۔ ہم لوگ ایک دوسرے سے رابطہ کے لیے گفتگو الفاظ کے ذریعہ سے کر تے ہیں۔ لیکن ایلومیناٹی اور دیگر شیطانی گروہ اپنی جہت سے اگلی جہت والوں سے رابطے کے لیے اشکال اور اعداد کا استعمال کرتے ہیں۔ اور اس علم کو مقدس علم جفر اور نمر کہتے ہیں۔ Neumerology and Sphere Geometry)) اس علم میں ہر عدد کا ایک مطلب ہو تا ہے۔ جیسے ١٠ کا ہندسہ۔ اس کا معنیٰ ہے الفا اور اومیگاAlpha and Omega۔ جس کا مطلب ہے '' خدا ''۔ اسی طرح ١١ کے ہندسہ کا مطلب ہے ایک ایسی ہستی جو خدا سے بھی بڑی ہو (نعوذ باللہ)۔ اور ٩ جمع ١ جمع ١ کا مطلب ہو گا کہ اللہ کو پھلانگ کر کے ایک ایسی ہستی کی طرف بڑھا جائے جو اللہ سے زیادہ طاقتور ہو اور اسی سے مدد مانگی جائے جو اللہ سے بھی بڑا ہو۔ ( نعوذ باللہ من شرورہم)۔ اسی لیے تو آپ امریکہ میں جب کسی مشکل میں گرفتار ہو جاتے ہیں تو مدد کے لیے اللہ کو پکارنے کی بجائے ١١/ ٩ کو فون کرتے ہیں۔ اب یہ دیکھیں کہ ١١/ ٩ کا مطلب یہ ہوا کہ

١۔ اللہ کو چیلنج کیا جائے اور شیطان کو خوش کیا جائے

٢۔ کعبہ کی تباہی کا اعادہ کیا جائے

٣۔ ایک نئے ورلڈ آرڈر کے آغاز کا اظہار کیا جائے

٤۔ دنیا میں ایک ایسے طاقت کے مرکز کو پیدا کیا جائے جو دوسری جہت یا Dimensions تک پہنچنے کا ذریعہ بن جائے۔

یہاں ایک منٹ کے لیے توقف کر لیں اور یہ سوچیں کہ ہم نے کعبہ کی تباہی کا اوپر ذکر کیوں کیا۔ہم جانتے ہیں کہ ١١ ستمبر کو ٹوین ٹاور(Twin Towers) کو تباہ کیا گیا۔ اگر آپ کے علم میں ہو کہ ٹوین ٹاور دو اونچی عمارتیں تھیں اور ان کے درمیان کھلی جگہ میں ایک کُرہ یاSphere بنا ہوا تھا اور یہ کرہ ٢٤ گھنٹے میں ایک مرتبہ زمین کی طرح اپنے گرد گھومتا تھا۔اس علاقہ کو لوگ لنچ کے وقفہ میں بیٹھ کر کھانے پینے اور سستانے کے لیے استعمال کرتے تھے۔یہ دونوں ٹاور اس گیٹ کو ظاہر کرتے تھے جس کا پہلے ذکر اظباف۔ باعجاز عبید:دایل: اعجاز عبیدکیا گیا تھا یعنی Cross Dimensional Entry Points۔ اور اس کرہ کو ملا کر وہ ١ ٠ ١ کا ہندسہ بنا تے تھے۔ جو اللہ کی ذات سے بھی بڑی ایک ذات کی طرف اشارہ ہے۔مگر صفر کا یہ ہندسہ کعبہ سے کیسے مشابہت رکھتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہر ایک جاندار کے اندر کچھ انرجی موجود ہوتی ہے جو ہم خارج بھی کر رہے ہوتے ہیں۔ اسی طرح زمین اور آسمانوں میں بھی انرجی ہے۔ زمین کی انرجی میں مقناطیسی انرجی ، کشش ثقل کی انرجی اور اسی طرح کی دیگر طاقتیں موجود ہیں۔ زمین کے مختلف علاقوں میں ان انرجی کی طاقت اور اثر مختلف ہے۔ اور حیران کن بات یہ ہے کہ زمین پر سب سے زیادہ انرجی رکھنی والی جگہ وہ ہے جہاں اللہ کا گھر خانہ کعبہ واقع ہے۔اور اس پر مزید حیرانگی اس بات کی ہے کہ زمین اور کائنات میں موجود مختلف انرجی کے پوائنٹ یعنیGeodatic, Magnetic , Cosmic انرجیوں کا ملاپ عین خانہ کعبہ کے اوپر ہے۔ یہاں یہ طاقتیں ایک دوسرے کو قطع کرتی ہیں۔ گویا کہ یہ اللہ کا قائم کردہ کائناتی مرکز ہے۔Twin Tower حضرت سلیمان علیہ السلام کے داخلی دروازے کے ستون تھے۔ جب ١١ ستمبر کا حادثہ ہوا تو کعبہ کی تباہی کا مظاہرہ بھی ہوا اس کے ساتھ ہی شیطان کے پوجا کی ایک اور رسم یعنی انسانی جانوں کی قربانی پیش کرنے کا مظاہرہ بھی ہوا۔دو ہزار تین سو انسان اس حادثہ میں قربان ہوئے۔ Bohemian Groove والے بھی ہر سال خون بہا کر قربانی کا مظاہرہ کرتے ہیں یہ ان ہی شیطان کے پجاریوں کی طرف سے انسانی جانوں کی اصلی قربانی تھی جو ان کے معبود شیطان کو پیش کی گئی۔ہم صرف وہ جانتے ہیں جو ہمیں بتایا جا تا ہے۔ ہمیں اس حادثہ کی شکل کچھ اور کر کے دکھائی گئی اور نتیجتاً آفت بیچارے افغانیوں پر آئی۔

ان شیطانی گروہوں کا ایک اور عجیب فلسفہ یہ بھی ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام کو تخلیق کرنے کے بعد ایک قہار اور نا انصاف خدا (نعوذ باللہ من ذٰلک) نے انہیں باغ عدن میں قید کر دیا تاکہ کہیں آدم خود اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر خود خدا جیسی طاقت نہ حاصل کر لے۔انسان نے ہمت کی اور اپنی طاقت کو استعمال کر کے اللہ سے بغاوت کرنے پر آمادہ ہو گیا اور اس نے اللہ کے احکامات کو پامال کیا اور یوں آدم نے انسانیت کو اللہ کی قید سے آزاد کرا دیا۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ انسان یقیناً اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اللہ جیسی طاقت اور قدرت حاصل کر سکتا ہے اور اسی چیز کا اعادہ کرنے کے لیے شیطان کے یہ پجاری اکثر و بیشتر ایسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں جس سے وہ اللہ کو چیلنج کرتے ہیں۔ ٹائی ٹینک Titanic جہاز بنا کر اس کے لیے یہ کہا کہ اگر اللہ کی مشیت بھی چاہے گی تو یہ جہاز نہیں ڈوب سکتا۔ کیا چیلنج تھا اللہ پاک کی شان میں ، کیا گستاخی تھی جو انہوں نے کی اور پھر ہم جانتے ہیں کہ اللہ پاک طاقت اور قدرت رکھنے والے وحدہ لاشریک نے اس چیلنج کا کیا جواب دیا کہ وہ اپنے پہلے سفرمیں ہی سمندروں کی تہوں میں جا بیٹھا۔ایک خلائی جہاز چیلنجر Challenger بنا کر خلا میں اسی قسم کی واہیات باتوں کے ساتھ روانہ کیا تو اللہ قہار و جبار نے اس کے اتنے ٹکرے کر دئے کہ کون مالک ہے عیاں ہو گیا۔مگر باز تو یہ ابھی بھی نہیں آئے ہیں۔ آج بھی اللہ کی قدرت میں دخل اندازی اور اللہ کی قدرت اور تخلیق میں تبدیلی کی کوششیں جاری ہیں۔ قران مجید میں ان خبیث انسانوں کی طرف سے اللہ کی تخلیق کو تبدیل کرنے اور اس کی شکل بگاڑنے کی کوشش کرنے کا تذکرہ موجود ہے۔ اور شیطانی ایما پر یہ کام آج کا انسان جین میں تبدیلیGenetic Modification کے نام پر کر رہا ہے۔اپنی خواہش کے مطابق رنگ و روپ ، صورت و شکل ، عقل اور طاقت والے انسان کی تخلیق کی کوششوں میں مصروف ہے۔

جیسا کہ میں نے پہلے بیان کیا کہ ابلیس انسان سے زیادہ عمر والا اور تجربہ کار ہے۔ اس نے انسان کو تخلیق ہوتے ہوئے دیکھا ہے اور ہمیں احادیث مبارکہ سے پتہ چلتا ہے کہ جب انسان کا پُتلا بے جان پڑا ہوا تھا تو یہ خبیث اس وقت بھی اس پُتلے کی تحقیر کر تا تھا۔ جسم کے نچلے حصے سے داخل ہو کر منہ سے نکل آتا تو کبھی منہ میں داخل ہو آکر نچلے حصے سے باہر آتا۔ٹھٹا کرتا وغیرہ وغیرہ۔اس کو ہماری کمزوریوں کا بھی علم ہے اور ہماری طاقت اور مضبوطی کا بھی۔اسے علم ہے کہ ہماری کن چیزوں کو چھیڑ کر وہ ہمیں غلط کاموں پر اکسا سکتا ہے اور ہماری کون سی چیزیں ایسی ہیں جن سے ہمیں غافل کر دے تو ہم اپنی طاقتوں کا استعمال نہیں کر سکتے۔ اللہ جل شانہ نے انسانی جسم کو اچھائی اور برائی دونوں کے حصول کے قابل بنا یا ہے۔شیطان کو علم ہے کہ ہمارے سفلی جذبات کہاں بھڑکتے ہیں اور روحانی بالیدگی کہاں سے حاصل ہوتی ہے۔ہماری انہی کمزوریوں کو چھیڑتا ہے اور ہمیں اپنا گرویدہ بنائے رکھنا چاہتا ہے تاکہ ہم لذت اور آرام کے حصول کی خاطر اس کے غلام بنے رہیں اور وہ ہمیں بھٹکاتا ہوا وہاں تک لے جائے جہاں جا کر وہ اللہ کی بارگاہ میں یہ کہہ سکے کہ اے مالک میں نے کہا تھا کہ یہ اس قابل نہیں ہے کہ تیری نیابت کرسکے۔

آئیے اب ہم اپنے جسم پر ایک نظر ڈالیں اور دیکھیں کہ شیطان ہم پر قابو پانے کے لیے ہم پر کہاں کہاں حملے کرتا ہے۔

( الف )جسم کے سب سے نچلے دھڑ پر حملہ یعنی جنسی حملہ۔ جنسی جذبہ اللہ نے انسان کی افزائش نسل کے لیے رکھا ہے اور اس میں مزہ انسان کو اس کی طرف راغب کرنے کے لیے عطا کیا ہے۔ اس میں لذت بھی ہے اور تخلیق کی کارروائی میں حصہ لینے کا خوش آئند احساس بھی۔ یہ ایک بڑا ہی شدید اور انتہائی طاقت ور جذبہ ہے۔ اگر یہ جذبہ اللہ کے احکامات کے مطابق نکاح کے قیود میں رہے تو کنٹرول میں بھی رہتا ہے اور اللہ کی طرف سے انعام اور روح کی بالیدگی کا بھی ذریعہ بن جاتا ہے۔ اور پھر یہ کہ انسانی معاشرے کے نقوش بھی اسی سے خوبصورت اور خوشنما ہوتے ہیں۔ مگر اسی جذبے کے غلط استعمال سے انسان راندہ درگاہ ہو جاتا ہے اور ابلیس کو اس کی خواہش کے مطابق اس کا ہدف مل جاتا ہے۔ اسی کو غلط استعمال میں لانے کے لیے اس مردود نے ہیجان انگیز اور عریاں اشتہارات ، فلمیں ، ناچ گانے، ڈرامے رنگین ٹالک شوز وغیرہ ایجاد کروا دئیے ہیں تاکہ انسان کو پٹری سے اتارے اور نکاح کا مقدس بندھن آزاد جنس پروری میں بدلے اور یہ اپنا مقصد حاصل کرے۔

( ب )جسم کے درمیانی حصے یعنی پیٹ پر حملہ۔اللہ پاک کا حکم ہے کہ حلال اور پاک چیزیں کھاؤ اور حرام سے اجتناب کرو۔ اللہ نے ہر دور میں حلال اور حرام میں امتیاز قائم رکھا ہے اور واضح ہدایات دی ہیں۔ حلال کھانا حلال ذرائع سے کمایا ہوا حلال مال عطا کر تا ہے۔ یہ جسمانی ترقی ، روحانی بالیدگی اور معاشرتی حسن پیدا کرتا ہے۔ ابلیس نے پہلے تو حرام مال کمانے پر لگا یا اور پھر پیزا ، میکڈونلڈ ، ہارڈیز ، کے ایف سی اور دیگر نشہ آور اور نقصان دہ چیزوں کی طرف راغب کر دیا۔ اور ان کے حصول کے لیے حیلوں بہانوں سے لالچ دلائی کہ وہ رشوت، حرام خوری وغیرہ سے ان کو حاصل کرے۔

( ج )جسم کے اہم حصے دل پر حملہ۔ ہمارا دل حق کی آماجگاہ ہے۔ حق جو عدل ہے ، محبت ہے ، عقل ہے ، عزت ہے اور انسان کی بلندی اور شرف کی علامت ہے۔آج کے دور میں ہم ان تمام چیزوں سے مکمل طور پر عاری ہو گئے ہیں۔ ہم ترقی کی دوڑ میں ایسے بگٹٹ بھاگے جا رہے ہیں کہ دوسروں کا دل توڑنا ، دوسروں کی عزتوں کو پامال کرنا ، کوئی مشکل نہیں۔ صرف اپنا فائدہ سب سے اہم ہے۔ اس لیے کہ ابلیس کے نظام میں ہمیں یہ سکھایا گیا ہے کہ آپ بھلا تو جگ بھلا۔ محبت ، رواداری ، نرمی ، اخلاص ، اکرام ، ذاتی اغراض سے بالا ہو کر دوسرے کے لیے کچھ کر دینا اب اس معاشرے میں مشکل ہوتا جا رہا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہماری آنکھیں حق کو دیکھنے سے عاری ہوتی جا رہیں۔ ہم اللہ کے بتائے ہوئے اصول معاشرت سے دور ہوتے جا رہے ہیں پتھر دل ہوتے جا رہے ہیں۔

( د )جسم کے بالائی حصہ حلق پر حملہ۔ ہمارا حلق جو ہمیں ایک دوسرے سے رابطہ کرنے اور اپنی بات دوسروں تک پہنچانے کا ذمہ دار ہے ابلیس اس کو خاموش کرانا چاہتا ہے۔ ہزاروں برسوں سے ہم اپنی محبت ، شفقت ، نفرت ، غصہ سب کا اظہار اپنی زبان اور حلق سے کرتے چلے آئے ہیں مگر آج کے ابلیسی نظام کے تحت حلق کا استعمال کم سے کم ہوتا جا رہا ہے۔ آج ہم اپنے جذبات دوسروں تک پہنچانے کے لیے انٹر نیٹ کا سہارا لیتے ہیں ، ایس ایم ایس کرتے ہیں ، کسی سے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے اس کے نام ایک گانا نشر کرا دیتے ہیں یا پھر پھول اور کارڈ بھیج دیتے ہیں۔ یوں ہم آہستہ آہستہ اپنے ہی خول میں بند ہوتے جا رہے ہیں۔ دوسروں سے سروکار رکھنے کا سلسلہ ختم ہو رہا ہے۔ خاموش رہو خوش رہو۔ اپنے خول میں بند ہو جانے اور اپنے ارد گرد کے حالات سے غیر دلچسپی شیطان کے اپنے حق میں بہت بہتر ہے۔ انسانیت کمزور پڑتی ہے اور متحدہ محاذ نہیں ملتا۔

( ذ ) تخلیق کے شاہکار دماغ پر حملہ۔ انسانی دماغ جو سوچ ، فکر ، عمل اور اختیارات کا منبع ہے اس پر حملہ کر کے ابلیس نے اس کو پراگندہ کر دیا ہے۔ وہ دماغ جو اپنی فطری صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے خود اپنے اور اپنے خالق کے درمیان رابطے اور سمجھنے کا ایک آلہ ہے اس کو ایسا بے کار اور پراگندہ کر دیا ہے کہ اب یہ دماغ صرف وہ سنتا ہے جو میڈیا سناتا ہے ، وہ دیکھتا ہے جو میڈیا دکھا تا ہے، وہ جانتا ہے جو میڈیا سمجھاتا ہے۔اس کی اپنی ذاتی سوچ اور فکر کی صلاحیتیں معدوم ہو گئی ہیں نتیجہ کے طور پر قوت فیصلہ اور قوت ارادی بھی کمزور پڑ گئی ہے۔اللہ سے رشتہ کاٹ کر یہ سمجھایا جا رہا ہے کہ دنیا میں نفرت ، قتل و غارت گری، بدامنی اور پراگندگی صرف مذہب کی وجہ سے ہے۔ مذہب نفرت کرنا سکھاتا ہے اور مخالفین کو مٹا دینے کا سبق دیتا ہے۔اس لیے دنیا کو ایک ایسی اکائی میں تبدیل کر دیا جائے جس میں مذہب کا کوئی عمل دخل نہ ہو اور اسی کی بنیاد پر معاشرہ قائم کیا جائے۔ پھر ہر طرف امن و سکون ہو گا، چین و اطمینان ہو گا اور ہر انسان خوب ترقی کرے گا۔ہر ایک کو شخصی آزادی ہو جس کا جو دل چاہے کرے۔ یہی سوچ اور یہی تربیت آج کل دی جا رہی ہے اور دماغ کو اس پر راضی کیا جا رہا ہے۔ اس بات سے توجہ مکمل طور سے ہٹا لی گئی ہے کہ مذہب انسان کو قوانین و ضوابط کا پابند کرتا ہے اور ایک ایسی زندگی کی طرف رہنمائی کرتا ہے جہاں برابری ہو اور بہتر مستقبل اللہ کی حاکمیت اور اس کے بتائے ہوئے راستوں کے ذریعہ حاصل ہو۔آج کے اس دجالی سوچ کے زیر اثر تاریخ انسانی کے بہترین دور یعنی دور خلافت راشدہ کی کوئی بات نہیں کرتا جہاں امن بھی تھا بھائی چارہ بھی تھا، سکون بھی تھا اور انصاف بھی تھا۔ جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت بھی ہوتی تھی۔ ہر کوئی برابر تھا چوری رہزنی بھی نہیں تھی، تجارت آزاد اور شفاف تھی۔ یہ ہمیں آج سکھا رہے ہیں اور سمجھا رہے ہیں کہ تاریخ انسانی کا زریں دور رومیوں یونانیوں کی حکومتوں میں تھا۔ وہ ہمیں روسی سوشلزم کے طریقہ کار کو سمجھا رہے ہیں برطانیہ کی جمہوریت کا سبق دے رہے ہیں اور امریکی صدارتی نظام حکومت پر انگشت بدنداں کر رہے ہیں۔ مگر جو ہر لحاظ سے بہترین دور انسانی حکومت تھا اس کا کوئی تذکرہ کیوں نہیں ہوتا۔اس لیے کہ انہیں معلوم ہے کہ خلافت راشدہ کا نظام جس دم قائم ہو گیا شیطان کا پھیلا یا ہوا سودی نظام دھڑام سے زمین بوس ہو جائے گا۔

( ر )روح پر حملہ۔ ہماری روح کا اس دنیا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ امر ربی ہے خواہ مسلمان کی ہو یا کافر کی۔ انسانی تخلیق کی انتہا اسی روح کا افضل ترین درجہ پر پہنچ جانا ہے۔ روح کا یہی عروج انسان کو اللہ کا نائب بن جانے کے درجہ کا حق دار بنا دیتا ہے۔یہ اسی وقت ممکن ہے جب اللہ اور اس کے برحق رسولوں کی لائی ہوئی شریعت اور تعلیمات پر عمل در آمد ہو۔ اللہ کی نازل کی ہوئی کتابوں سے ہدایت اور روشنی حاصل کر کے اپنی زندگیوں کو ان ہی اصولوں پر استوار کر لیا جائے اور یہی کام ابلیس نے ہونے نہ دیا۔ اس نے سب سے پہلے اللہ کی کتابوں کو غائب کرا دیا اور اس کی جگہ لوگوں سے دوسری کتابیں لکھوا دیں تاکہ اللہ کے احکامات سے انحراف ہو جائے اور انسانیت اپنے راستے سے بھٹک جائے۔ نہ ہدایت ہو ، نہ روشنی ہو ، نہ راستہ نظر آئے نہ کوئی سیدھے راستے پر چلے۔ یہی اس کا مطمح نظر تھا۔ انسانی روح کو نیچے گرانے کا ایک اور ذریعہ ذکر سے دوری ہے۔آج ہماری کتاب ہدایت اپنی اصل حالت میں اللہ کے حکم سے موجود ہے۔ الحمد للہ۔ ابلیس اس کو تبدیل کرنے میں ناکام رہا تو اس نے دوسری چال چلی اور ہمیں ایسا بھٹکا یا کہ کتاب کی موجودگی کے باوجود ہم نہ اس کو کھول کر پڑھیں نہ سمجھیں نہ ہدایت پائیں۔ نہ فکر کریں نہ ذکر کریں۔ ہم لوگوں نے فکر اور ذکر کو یکسر بھلا دیا ہے۔ اس کی یہ خوبی ہے کہ یہ انسان کو اللہ کے نزدیک کر دیتا ہے، سوچ کے اوپر قابو پانا سکھاتا ہے ، اُن معاملات کی سمجھ بوجھ عطا کرتا ہے جو سرسری طور پر سمجھ میں نہ آتے ہوں ، انسانی ذات میں نکھار پیدا کرتا ہے اور اپنے اور اللہ تعالیٰ کے درمیان تعلق کو واضح کرتا ہے۔ مسلمانوں کی تاریخ میں ہر بڑے آدمی نے ذکر و فکر وغیرہ کے عمل کے ذریعہ بلندی حاصل کی۔ مگر ہم نے ان اعمال کو فضول سمجھ کر ان سے پیچھا چھڑا لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے اسم مبارک کو زبان کی تسبیح بنا لینے اور سوچ کا محور کر لینے سے روح میں بالیدگی پیدا ہوتی ہے۔
اختتامیہ۔
ہم نے اوپر جن خفیہ تنظیموں کا تذکرہ کیا ہے اور ان کے لائحہ عمل کو بیان کیا ہے وہ یقیناً مکمل نہیں ہے۔ نہ تو تمام تنظیموں کا احاطہ کیا جا سکا ہے اور نہ ہی ان کی خفیہ چالوں کو کما حقہ بیان کیا جا سکا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جو کچھ قرآن پاک کے حوالے سے بتایا گیا ہے نہ وہ مکمل ہے۔ قرآن پاک میں اس سے زیادہ بھی چیزیں موجود ہیں جو مجھ جیسے ناچیز کی سمجھ اور پہنچ سے دور ہیں۔ ہمارا اس مضمون کو لکھنے کا مقصد صرف یہ تھا کہ مسلمانوں کو یہ باور کرایا جائے کہ ہمارے دشمن کا ٹارگٹ اور اس کا مقصد اس کے ذہن میں بالکل واضح ہے اور اس کو حاصل کرنے کے لیے وہ اس وقت سے کوشاں ہے جب حضرت آدم و حوا علیہم السلام ابھی جنت میں ہی تھے بلکہ حضرت حوا کی بھی تخلیق ابھی نہیں ہوئی تھی۔آج وہ اپنی چالوں میں کامیاب ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ وہ اور اس کے گرگے اپنا آخری ترپ کا پتہ کھیلنے کے لیے بالکل تیار بیٹھے ہیں۔ ابلیس کے شاہکار ترین تخلیق یعنی مسیح الدجال کی آمد کا راستہ تقریباً تیار ہے۔انسانی سوچ کو اس نے اس ڈگر پر ڈال دیا ہے جہاں ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم لوگ از خود کچھ نہیں کر سکتے۔ ہمارا عمل مفلوج ہو گیا ہے۔ اس نے ہمیں اس بات پر ذہنی طور پر راضی کر لیا ہے کہ موجودہ ابلیسی نظام معیشت ، معاشرت اور حکومت سب سے بہتر ہے اور اسے ہی رائج ہونا چاہئے۔ ہم نے اس بات کو یکسر اپنے ذہن سے نکال دیا ہے کہ ہمیں بھی فکر اور سوچ کی طاقتیں حاصل ہیں۔ ان کو استعمال کر کے ہم اپنے لیے راستہ نکالنے کی بجائے اس کے بتائے ہوئے راستے پر بگٹٹ دوڑے جا رہے ہیں۔ آنکھیں بند ہیں ، احساس منجمد ہیں ، فکر محدود ہے اور انجام سے ہم بے خوف ہیں۔

ابھی بھی وقت ہاتھ سے نہیں گیا ہے۔ آج بھی ہم جاگ جائیں اور وہ مرد مومن بن جائیں جس کی طرف اقبال نے اشارہ کیا تھا تو حالات بدل سکتے ہیں۔ اپنی خودی اور خود داری کو واپس لے آئیں۔ اللہ سے مدد مانگیں۔ اپنی اصلاح کر لیں اور اللہ کے علاوہ کسی سے نہ ڈریں۔ اگر ہماری روح دجالی فریب سے آزاد ہو جائے تو ہم بھی قرآن اور سنت رسول ﷺ سے اسی طرح استفادہ کر سکتے ہیں جیسے صحابہ کرام نے کیا تھا۔ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ ہماری یہ زندگی بالکل عارضی ہے۔ یہاں حق کی خاطر دکھ اور تکلیف جھیلنا اور اللہ کی راہ میں اس کے کلمہ حق کی سر بلندی میں پیش آنے والی تکلیفیں ہی آخرت کی زندگی میں آسائشیں اور آسودگی ، بلند درجات اور جنت کی راحت اور آرام کی ضامن ہیں۔ یاد رہے جب یہاں کی عارضی زندگی ختم ہو گی وہاں کی ہمیشہ قائم رہنے والی زندگی کا آغاز ہو جائے گا۔
٭٭٭

ماخذ: جریدہ ’الواقعہ‘
http://alwaqiamagzine.wordpress.com
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

غلبۃ الدین اور دوسرے مضامین