غیرت، بے غیرت
آمنہ احمد
ہمیشہ کی طرح اس نے وہ خبر پڑھ کر سوچا تھا "مرد غیرت کے نام پر قتل کرتا ہے ، عورت کیوں نہیں!"
"کیا عورت میں غیرت نہیں ہوتی؟ کیا عورت کی شرم و حیا اسے با غیرت ہونے سے روک دیتی ہے ؟" اخبار ایک طرف رکھ کر اس نے سامنے رکھی کتاب پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہی۔ اس کے ساتھ ہر بار ایسا ہی ہوتا تھا۔۔۔۔ جب بھی غیرت کے نام پر کسی لڑکی کے قتل، ونی، یا پنچایت کے فیصلے پر آبرو ریزی کی خبر پڑھتی تھی تو اس کے اندر تک بے چینی اتر جاتی تھی اور پھر کئی بے خواب راتیں اس کا مقدر بنتی تھیں۔
"جو مرد غیرت کے نام پر یہ سب کرتے ہیں، ان کے گھر کی عورتیں یہ سب کیسے برداشت کرتیں ہیں۔۔۔۔ چلو ماں بہنوں کا تو خون کا رشتہ ہے ، مگر ایک بیوی یہ کیسے برداشت کرتی ہے کہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔" ایسے باتیں سوچ سوچ کر آج بھی اس کا دماغ شل ہو رہا تھا اور آنسو کہیں اندر ہی اندر گر رہے تھے ۔
٭٭
"بس لالا اب تاریخ دے دے ۔ پڑھ لیا ثریا نے جتنا پڑھنا تھا!" اسے اپنی ہونے والی ساس جنت بی بی کی آواز اندر تک آ رہی تھی۔ دل میں جہاں خوشگوار احساسات جنم لے رہے تھے ، وہیں اپنا ہیلتھ وزیٹر کے طور پر کام کرنے کا خواب پورا نہ ہونے کا بھی ملال تھا۔ "مگر ابا اب اور انتظار نہیں کر سکتا، اماں زندہ ہوتی تو اور بات تھی۔۔۔۔" اس نے پھونکنی سے ایک بار پھر سے آگ جلانے کی کوشش کی۔ دھواں آنکھوں میں بھر رہا تھا۔ جانے کا وقت آ گیا تھا!
٭٭
"ثریا او ثریا، کہاں رہ گئی ہے ، ابھی تک ناشتہ نہیں بنا!" اکرم کی تیز آواز نے اس کے ہاتھوں کی رفتار بھی تیز کر دی تھی۔ جلدی جلدی چھنی میں دہی پر شکر ڈال کر اس نے چنگیر میں رکھے پراٹھے پر رکھی اور دوسرے ہاتھ سے چائے کا مگ اٹھا کر برآمدے کی طرف چل دی۔ اکرم نے اپنی مونچھوں کو وٹ دیتے ہوئے ترچھی نظروں سے اسے دیکھا تھا۔ شروع شروع میں تو اسے اکرم کی یہ بیباکی اچھی لگتی تھی مگر اب سب کے درمیان میں بیٹھ کر اس کا ایسے دیکھنا اسے کبھی کبھی پریشان کر دیتا تھا۔ وہ اس کے سامنے ناشتہ رکھ کر واپس چولہے کے آگے جا بیٹھی۔
"اچھا میں اب چلتا ہوں۔۔۔۔سردار صاحب انتظار کر رہے ہوں گے ۔" اکرم کندھے پر پٹکا ڈال کر باہر کے دروازے کی طرف بڑھ گیا۔ ثریا نے اس کے جانے کے بعد حسب معمول صحن میں جھاڑو دی اور پھر کپڑے دھونے بیٹھ گئی۔
"لالا تجھے ایسے دیکھ لے تو۔۔۔۔۔۔۔" اس کی دس سالہ نند مسرت اس کی گیلی قمیض جو اس کے جسم سے چپک گئی تھی، کی طرف اشارہ کر کے ایک آنکھ دبا کر ہنسی اور بڑی ادا سے اپنا لال دوپٹہ گلے میں ڈالا۔ ثریا کے ماتھے پر پسینہ آگیا تھا۔
"مسرت۔۔۔۔!" اس نے اونچی آواز میں گھرکنے والے انداز میں تنبیہ کی۔
"نی۔۔۔۔ مسرت کیا۔۔۔۔؟" اس کی ساس بھری چوڑیوں والے ہاتھ میں مسواک پکڑے ، اپنے کمرے کے دروازے میں کمر پر ہاتھ رکھے کھڑی تھی۔
"کچھ نہیں میں تو۔۔۔۔۔" اس کی آواز لڑکھڑا گئی تھی۔ اتنے دنوں میں اسے یہ تو بخوبی اندازہ ہو گیا تھا کہ سسرالی رشتے سسرالی ہی ہوتے ہیں۔ وہ خاموشی سے کپڑے پھیلانے لگی۔ اندر کمرے سے کسی پنجابی گانے کی شوخ آواز باہر تک آ رہی تھی۔
کھانا پکاتے اور تندور تا کر روٹیاں پکانے تک اسے ظہر کا وقت ہو گیا تھا۔ سب کے کمروں میں الگ الگ کھانا پہنچا کر وہ نماز پڑھنے چل دی۔ نماز سے فارغ ہو کر اسے کپڑوں کا خیال آیا تھا۔ وہ جلدی جلدی سوکھے کپڑے اتارنے لگی اور ساتھ میں تہیں بھی لگا کر چار پائی پر رکھتی جا رہی تھی۔
"یہ سوٹ کا کاسنی دوپٹہ کہاں گیا۔۔۔۔! اس نے ادھر ادھر نگاہ ڈالی۔ دوپٹے کا ایک کونا پچھواڑے جاتی گلی کی نکڑ پر نظر آ رہا تھا۔ وہ اٹھانے کے لئے اس طرف آ گئی۔ مکان کی یہ طرف سائے میں تھی اور باہر لگی بیری بھی اسے نیم تاریکی میں رکھتی تھی۔ اسے گلی میں ایک سایہ سا نظر آیا۔ وہ ٹھٹھک گئی!
کمرے کی گلی میں کھلنے والی بند کھڑکی سے اس کے جیٹھ کی سرگوشیوں کی آواز آ رہی تھی اور ساتھ میں جیٹھانی کی دبی دبی ہنسی اور چوڑیوں کی کھنک کی بھی۔ گلی میں دبکا وہ سایہ کھڑکی سے ایک آنکھ لگائے بیٹھا تھا۔ اس کا تنفس تیز تھا اور اسے اپنے لال دوپٹے کا کوئی ہوش نہ تھا۔ ثریا نے آہستگی سے اپنا دوپٹہ اٹھایا اور دبے پاؤں پلٹ گئی۔۔۔۔
"یا اللہ رحم۔۔۔۔" اس نے دل پر ہاتھ رکھ کر کہا اور خاموشی سے اپنے کمرے کی طرف بڑھ گئی۔ کمرے میں آ کر اس نے کھڑکی کے لکڑی کے پٹوں کے درمیان درزوں کو غور سے دیکھا۔ اس کے کمرے کی ایک کھڑکی باہر برآمدے میں اور دوسری پچھواڑے میں کھلتی تھی۔۔۔۔وہ چند لمحے کچھ سوچتی رہی، پھر اپنی جہیز کی پیٹی جو کمرے کے ایک کونے میں پڑی تھی، اس کو کھول کر کچھ ڈھونڈنے لگی۔
اکرم شام میں دیر سے آتا تھا۔ اس کے پاس کافی وقت تھا۔ وہ مطمئن ہو کر سلائی مشین پر جھک گئی۔
"ارے یہ کیا۔۔۔۔" رات میں جب اکرم کھانا کھا کر پلنگ پر لیٹا تو اس کی نظر کھڑکیوں پر پڑی۔
"بس چادروں کا کپڑا فالتو پڑا تھا اور میرے پاس دوپہر میں وقت بھی تھا۔ سوچا پردے ہی سی کر لگا دوں۔" ثریا نے مسکرانے کی بھر پور کوشش کی۔
"فیشن تو تیرے سارے شہرنوں والے ہیں۔۔۔۔" اکرم نے اسے بے ڈھنگے پن سے اپنی طرف کھینچا تھا۔ ثریا کو لگا تھا جیسے پچھواڑے میں کسی نے غصے میں زور سے دیوار پر ٹھوکر ماری ہو، مگر اب وہ مطمئن تھی!
٭٭
سلیم سڑک کے کنارے لگے درخت کے ساتھ ٹیک لگائے بار بار سڑک پر سے گزرتی ٹریفک کو دیکھ رہا تھا۔ کبھی کبھی وہ ہاتھ میں پکڑی کتاب پر بھی نظر ڈال لیتا تھا۔
اس کا یہ روز کا معمول تھا۔ شروع میں جب اس نے گاؤں سے شہر کالج میں پڑھنے کے لئے آنا شروع کیا تھا تو اس نے پہلی بار اسے دیکھا تھا۔ وہ ہمیشہ سفید رنگ کی بڑی سی چادر میں لپٹی ہوئی ہوتی تھی۔ اس کا صاف رنگ پیلاہٹ لئے ہوئے تھا جو اس کی کم مائیگی کا احساس دلاتا رہتا تھا۔ بس ایک اس کی آنکھیں تھیں جو کچھ خاص ہونے کا احساس دلاتی تھیں مگر انکو دیکھنے کے لئے بھی ہفتوں انتظار کرنا پڑتا تھا کیونکہ وہ نظر اٹھا کر کسی کو دیکھنے کی روادار نہیں تھی۔
اس نے جب پہلی بار اسے اسی ویگن سے اترتے دیکھا، جس سے وہ شہر آتا تھا تو کچھ حیران ہوا تھا۔ پھر بچپن کی ایک یاد نے اسے احساس دلایا تھا کہ یہ تو ماسٹر صلاح الدین کی چھوٹی بیٹی ہے اور وہ دونوں کچی پکی میں ایک ہی جماعت میں تھے ۔ پھر ماسٹر صاحب ٹرانسفر ہو جانے کے سبب کسی دوسرے گاؤں چلے گئے تھے ۔ سال پہلے ان کے انتقال کا سنا تھا۔ "شاید اسی وجہ سے وہ اپنی ماں اور بھائیوں کے ساتھ گاؤں واپس آ گئی ہے ۔"
"ارے یہ تو یونیورسٹی جا رہی ہے ۔۔۔۔!" اس نے جب ویگن سے اترنے کے بعد اسے نیلی بس میں چڑھتے دیکھا تو رنج اور مایوسی نے اس پر غلبہ پا لیا۔
"میں نے ایف ایس سی میں دو سال کیوں ضائع کیے ۔۔۔۔!" اسے خود پر غصہ آ گیا تھا۔
"اب یہ میرے سے آگے نکل گئی ہے !" بچپن کا مسابقت کا شوق ایک دم سامنے آ کھڑا ہو اتھا، مگر یہ سوچیں چند دن ہی اس کے ساتھ رہ سکیں۔ اب اسے دیکھ کر اس کے دل میں صرف اضطراب جنم لیتا تھا۔ "کچھ تو ہے اس چہرے میں۔۔۔۔ کسی ہونی انہونی کا پتا۔۔۔۔ کسی نا کردہ گناہ کا سزا وار چہرہ۔۔۔۔" وہ آج کل ایک اخبار کے دفتر میں جز وقتی نوکری کرہا تھا اور بڑے بڑے الفاظ بولنے کی کوشش کرتا رہتا تھا۔
پھر اس کا روز کا معمول بن گیا کہ وہ ویگن سے اترنے کے بعد اس کے پیچھے پیچھے چند قدم چلتا اور جب تک وہ یونیورسٹی کی بس پر چڑھ نا جاتی وہ اپنے کالج کی راہ نہ لیتا۔ واپسی پر ویگن پکڑنے کے لئے بھی وہ اس کا انتظار کرتا۔ اس کے روز مرہ کے معمولات سمجھنے کے لئے اسے دو ہفتے لگے تھے ۔ ایک سال یہ سلسلہ چلتا رہا تھا۔ پھر بی بی کے کہنے پر بابا نے اسے شہر میں ہی رہائش رکھنے کو کہا تھا۔ تب سے وہ اخبار کے دفتر میں ہی رہنے لگ گیا تھا۔ چھوٹے سے اس اخبار کا وہ بوقت ضرورت چپڑاسی، چوکیدار، اور کبھی کبھی پروف ریڈر وغیرہ، سب تھا۔ اور اب تو ویسے بھی گاؤں جانا کم ہوتا تھا کیونکہ بابا زمین بیچنے کے چکر میں تھا۔
"پنڈ کا ماحول شریفوں کے رہنے کے لئے مناسب نہیں رہا۔۔۔۔" بابا حقہ گڑگڑاتے ہوئے اکثر کہتا تھا۔ " سردار جاوید کا سیاست میں آنا، یوں سمجھو اس پنڈ کی شرافت کا جنازہ نکلنا ہے ۔ اب اس پنڈ میں ماں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت کیسے محفوظ رہے ، اب یہاں کا والی لٹیرا ہے ، رکھوالا نہیں۔۔۔۔"
"اللہ بخشے سردار اللہ بخش کو جو اپنے پیچھے یہ سپولیا چھوڑ گیا ہے ۔۔۔۔ مگر میں تو کچھ کہنے کے قابل بھی نہیں۔۔۔۔میرا تو اپنا جوائی اس کا دایاں ہاتھ بنا ہوا ہے ۔۔۔۔ثریا کے مقدر۔۔۔۔" وہ اکثر اکیلے میں بیٹھا ٹھنڈی آہیں بھرتا رہتا۔ "شکر ہے ثریا کو باہر کی اتنی خبر نہیں ورنہ وہ تو جیتے جی مر جائے ۔۔۔۔" اور سلیم باپ کی اس سادگی پر بس خاموش ہو جاتا تھا۔ اس نے ان برسوں میں بہن کے بدلتے انداز دیکھے تھے ۔ اس کی ہنس مکھ،دوسروں کے غم میں ہر وقت شریک رہنے والی بہن کی جگہ ایک آدم زار اور خود سے بیزار عورت نے لے لی تھی۔۔۔۔
اس کی سوچیں ریت کی طرح اس کی مٹھی سے اس وقت پھسل گئیں جب سامنے کھڑی بس میں سے وہ اتری اور ایک غیر محسوس سی نظر اس پر ڈال کر ویگن کے اڈے کی طرف بڑھ گئی۔ وہ اس وقت تک اس سمت میں دیکھتا رہا جب تک وہ ویگن پر سوار نہیں ہو گئی اور ویگن اس کی نظروں سے اوجھل نہیں ہو گئی۔
"رب راکھا۔۔۔۔!" اس نے زیر لب کہا اور سڑک پار کر کے دوسری طرف آ گیا۔
٭٭
گزرتے وقت نے اس کی جھولی میں دو بیٹیاں ڈال دی تھیں۔ اکرم کو اگر ان کے ہونے کا غم نہیں تھا تو خوشی بھی نہیں تھی۔ ہاں مگر اس کی ساس وقتاً فوقتاً اس بات کا احساس دلاتی رہتی تھی کہ اکرم کا نام اگلی نسل تک چلانے والا کوئی نہیں ہے ۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اکرم اس کی اور بچیوں کی طرف سے کافی لا پرواہ ہو گیا تھا۔ جب سے سردار جاوید الیکشن میں جیتا تھا تو اکرم کا زیادہ وقت اس کے ساتھ کبھی لاہور اور کبھی اسلام آباد گزرتا تھا۔ آخر وہ اس کا قابل اعتماد ڈرائیور تھا نا۔۔۔۔
"میں تو تنگ آ گئی ہوں اس کے رونے سے ۔۔۔۔" ثریا چھوٹی بیٹی اسماء کو روتا چھوڑ کر باہر پڑچھتی کے نیچے چولہے کے آگے آ بیٹھی۔ اسی وقت دروازے پر دستک ہوئی تھی۔
"اے کون ہے ، اندر آ جا۔۔۔۔دروازہ کھلا ہے ۔۔۔۔۔" اس نے بیزاری سے سر پر دوپٹہ جماتے ہوئے وہیں سے ہانک لگائی۔
"بی بی میں ہوں۔۔۔۔" باہر سے اس کے چھوٹے بھائی سلیم کی آواز آئی۔
"ماں صدقے ۔۔۔۔اندر آ نا، وہاں کیوں کھڑا ہے ۔۔۔۔" بھائی کی آوازسن کر ثریا کی ساری تھکاوٹ اور بیزاری اڑن چھو ہو گئی تھی۔ سلیم ہاتھ میں تھیلے اٹھائے اندر آیا تھا۔ ثریا کے اتنے دنوں بعد بھائی کو دیکھ کر وفور جذبات سے آنسو نکل آئے تھے ۔ جب سے وہ شہر پڑ ھنے کے لئے گیا تھا، مہینے دو بعد ہی اس کی شکل دیکھنے کو ملتی تھی۔
"کتنے دن لگا دیئے ویر، بہن کی یاد نہ آئی۔۔۔۔ آنکھیں ترس گئیں ہیں تجھے دیکھنے کو۔۔۔۔" ثریا کے شکوے شروع ہو گئے تھے اور سلیم سر جھکائے مسکرا کر انہیں سن رہا تھا۔
"بی بی یہ اسماء کیوں رو رہی ہے ۔۔۔۔" پھر اس نے بہن کا دھیان ہٹانے کو بھانجی کا نام لیا تھا۔ ویسے بھی بچیوں سے ملے بہت دن ہو گئے تھے ۔
"بس کچھ دنوں سے بہت تنگ کر رہی ہے ۔۔۔۔کوئی کام چین سے نہیں کرنے دیتی۔۔۔۔"
"اچھا میں اسے دیکھتا ہوں۔۔۔۔" وہ اندر اسے اٹھانے چل دیا اور ثریا بھائی کی خاطر داری کی فکر میں لگ گئی۔
"بی بی اس کو تو بخار لگتا ہے ۔۔۔۔" سلیم اسماء کو بڑے پیار سے سینے سے لگائے باہر آ گیا۔ وہ بھی اب رونا بند کر چکی تھی اور ٹکر ٹکر ماموں کی شکل دیکھ رہی تھی۔
"ہاں پچھلے تین دن سے ہے ۔۔۔۔"
"ڈاکٹر کو دکھایا!"
"دکھایا تھا، اکرم نے شہر سے دوائی بھی لا کر دی ہے مگر آرام نہیں آ رہا۔"
"پھر میرے ساتھ شہر چلو، وہاں ڈاکٹر کو دیکھا لیتے ہیں۔" اس سے پہلے کہ ثریا کوئی جواب دیتی مسرت لشکارے مارتا گہرا سبز سوٹ پہنے ، صحن کی دیوار میں بنی کھڑکی کھول کر ثریا کے حصے میں کودی۔ یہ دیوار بھی پچھلے سال ہی بنی تھی جب ثریا کے بڑے جیٹھ اور جیٹھانی نے اپنا حصہ الگ کیا تھا۔ ساتھ میں ثریا کا بھی فائدہ ہو گیا تھا۔
وہ سلیم کو دیکھ کر ٹھٹھک گئی۔۔۔۔پھر چند قدم آگے بڑھ کر اس کے مقابل کھڑی ہو گئی۔ ثریا کا دل زور سے دھڑکا تھا۔
"تم تو اب سلام بھی نہیں کرتے ۔۔۔۔شہری بابو ہو گئے ہو۔" شاید اس نے آج کل میں شبنم کی کوئی پرانی فلم دیکھ لی تھی۔ ایک دم سے اسے سانس ایسے چڑھ گئی تھی جیسے میلوں کا سفر طے کر کے آئی ہو۔
"بی بی میں اسماء کو باہر کا ایک چکر لگوا دوں اور عائشہ کو بھی دیکھوں۔ اس کی چھٹی کا وقت بھی ہونے والا ہے ۔" سلیم اسے کوئی جواب دیئے بنا بہن کو مخاطب کر کے باہر نکل گیا تھا۔
"ہونہہ۔۔۔۔" مسرت تلملاتی ہوئی واپس اپنے حصے کی طرف چلی گئی۔ ثریا کی چھٹی حس کسی خطرے کی نشاندہی کر رہی تھی۔ "یا اللہ رحم کر۔۔۔۔" وہ پریشان سی ہانڈی چڑھانے لگی تھی۔ تھوڑی دیر بعد اس نے مسرت کو کوٹھے پر کسی سے اشارے بازی کرتے دیکھا تھا۔ اس نے تہیہ کر لیا تھا کہ وہ اکرم سے مسرت کے متعلق بات ضرور کرے گی۔
٭٭
"یہ سلیم بھی نا چکر ہی دیتا ہے ۔" ثریا نے ہچکولے کھاتے رکشے میں بمشکل دونوں بچیوں کو سنبھالا اور ساتھ میں گلی میں گزرتے مکانوں کے نمبر پر بھی نظر کی۔ دو دن پہلے اس نے اکرم سے سلیم کے ساتھ شہر آنے کی اجازت مانگی تھی جو اس نے بخوشی دے دی تھی۔ اس سے پہلے وہ مسرت کے متعلق بات کر رہے تھے ۔۔۔۔
"اکرم میرا خیال ہے ہمیں اب مسرت کی شادی کر دینی چاہئے ۔۔۔۔" اس نے جھجھکتے ہوئے کہا تھا۔
"ہاں کر تو دینی چاہئے مگر کوئی رشتہ بھی تو ہو۔۔۔۔" اکرم آج خوشگوار موڈ میں تھا۔
"اماں کی نظر میں تو ہو گا کوئی۔۔۔۔" ثریا نے کریدنے کی خاطر پوچھا تھا مگر اتنے میں اسماء نیند سے اٹھ کر پھر رونے لگ گئی تھی۔
" آج سلیم آیا تھا۔۔۔۔" ثریا نے اسماء کو کندھے سے لگاتے ہوئے کہا۔
"اچھا پھر۔۔۔۔"
"کہہ رہا تھا کہ اسماء کو شہر ڈاکٹر کو دیکھا دیتے ہیں۔ پرسوں واپس جا رہا ہے ۔۔۔۔" ثریا نے جھجھکتے ہوئے کہا۔ آج کل اس کے موڈ کا کوئی پتا نہیں چلتا تھا۔ پل میں تولا، پل میں ماشہ۔۔۔۔
"ہاں چلی جانا۔۔۔۔ویسے بھی میں سردار جاوید کے ساتھ چند روز کے لئے شہر جا رہا ہوں۔۔۔۔" اکرم کی آنکھوں میں آج کل سردار جاوید کے نام کے ساتھ ہی ایک خاص چمک آ جاتی تھی۔
"ویسے تو تیرا بھائی بھی اب شادی کی عمر کا ہونے والا ہے ۔۔۔۔کیا خیال ہے !" اکرم نے کروٹ بدل کر سونے کے لئے آنکھیں موندنے سے پہلے کاری وار کیا تھا!
ثریا جہاں تہاں رہ گئی تھی!
اور آج اسماء کو ڈاکٹر کو دیکھا کر سلیم نے اسے رکشے میں چڑھا دیا تھا کہ وہ اپنی استاد ہیلتھ وزیٹر نگہت کی طرف چلی جائے ۔ نگہت کا تعلق ساتھ والے گاؤں سے تھا اور وہ اس کی ماں کی دور پار کی رشتہ دار بھی تھی۔ اکثر شہر آنے پر وہ اس کی طرف رک جاتی تھی۔ آج بھی وہ اس کی طرف جا رہی تھی کہ اچانک اس کی نظر گلی میں کھڑی ایک جیپ پر پڑی تھی۔۔۔۔اس کا سانس اوپر کا اوپر اور نیچے کا نیچے رہ گیا تھا۔ اسی وقت جیپ سٹارٹ ہوئی تھی اور رکشے کے پاس سے نکلتی ہوئی چلی گئی تھی۔
"اے بھائی رکشہ واپس موڑو، گھر پیچھے رہ گیا۔۔۔۔!" اسے کافی آگے جا کر ہوش آیا تھا۔
"اوہ بی بی پہلے بتانا تھا نا۔۔۔۔" رکشے والا جھنجھلا کر بولا تھا۔ ثریا نے کانپتے ہاتھوں سے اسے پیسے دیئے تھے اور گھنٹی پر انگلی رکھ دی تھی۔
٭٭
"خالہ نگہت یہ گلی میں میرے آنے سے پہلے کون کھڑا تھا آپ کے دروازے پر۔۔۔۔" ثریا کے سوال پر نگہت نے چونک کر اسے دیکھا تھا۔
" بس کیا بتاؤں۔۔۔۔اس کام میں کبھی کبھی وہ کچھ کرنا پڑتا ہے جو کبھی سوچا نہ ہو۔۔۔۔" وہ چند لمحے خاموش رہنے کے بعد آہستگی سے بولیں۔
"کسی پاس کے علاقے کا زمیندار ہے کوئی۔۔۔۔سردار کہلاتا ہے ۔ کسی کالج کی لڑکی کو بیوقوف بنا کر اسے چکر دیتا رہا پہلے تو۔۔۔۔ جب اپنا دل بھر گیا تو اپنے ڈرائیور کے حوالے کر دیا۔۔۔۔ پچھلے ہفتے اسے لے کر آیا کہ اس کا بچہ ضائع کر دو۔۔۔۔میں نے کہا میں ایسا کام نہیں کرتی۔۔۔۔ اس بار وہ لڑکی اندر میرے پاس آ گئی اور لگی منتیں کرنے ۔ اپنی کہانی رو رو کر سنانے لگی کہ کیسے اپنی ایک دوست کی شادی میں سردار جاوید کے چکر میں پھنس گئی۔ جب اس کا دل بھر گیا تو پھر اس نے آگے اپنے ملازمین کے حوالے کر دیا۔۔۔۔ آج وہ بچہ ضائع کروا کر گئی ہے ۔۔۔۔" وہ بہت کچھ بولتی رہی تھی مگر ثریا کے کان سائیں سائیں کر رہے تھے ۔۔۔۔
٭٭
"اری نخرہ کس بات کا ہے تیرا۔۔۔۔ تیری جیسی تو جوتے چاٹتی ہیں میرے ۔۔۔۔" اکرم کا ہاتھ اٹھا تھا تو پھر رکا نہیں تھا اس بار۔ وہ بھی چپ چاپ مار کھاتی رہی تھی مگر منہ سے سی نہیں کی تھی نہ ہی آنکھ سے آنسو بہے تھے ۔ آخر تھک کر اکرم ہی گھر سے باہر نکل گیا تھا۔۔۔۔
" عورت بے غیرت کیوں ہوتی ہے ۔۔۔۔" اس نے ساتھ کے کمرے میں سوئی اپنی بیٹیوں کو ایک نظر دیکھا تھا اور پھر وہیں زمیں پر اپنے ٹوٹے وجود کو لے کر سمٹ کر پڑ گئی تھی۔۔۔۔ ہر طرف ایک جامد چپ تھی۔
٭٭
"سنا ہے تیرے باپ نے زمین بیچ دی۔۔۔۔" اس کی ساس حسب عادت کولہے پر ہاتھ ٹکائے لڑنے مرنے کو تیار کھڑی تھی۔
"ہیں کیا۔۔۔۔" روٹی کھاتے اکرم نے ہاتھ روک کر ایک نظر ماں کو اور پھر بیوی کو دیکھا تھا۔
"کیا یہ سچ ہے ؟"
"مجھے کیا پتا، ہمارے ہاں عورتوں کو کب ایسی باتوں کی خبر ہوتی ہے ۔" ثریا نے اسماء کے ہاتھ میں روٹی کا ٹکڑا دیتے ہوئے لاتعلقی سے جواب دیا تھا۔
" ارے دیکھ تو اس میسنی کو۔۔۔۔ اس کی مرضی کے بغیر تو اس کا باپ بھائی سانس نہیں لیتے اور کہتی ہے مجھے کیا پتا!"
"حرام کی۔۔۔۔ ہمیشہ سے ہی کھوٹی ہے !" اکرم نے اسے گندی سی گالی دے کر ایک جھٹکے سے میز کو الٹ د یا تھا۔
"ہونہہ، ہم اس کے بھائی کو جوائی بنا کر عزت دینا چاہ رہے تھے ، مگر ان بے زمینوں، بے جڑوں کو عزت راس ہی نہ آئی۔۔۔۔" اس کی ساس بکتی جھکتی چلی گئی تھی۔
"شکر الحمد للہ دونوں کو میری بات سمجھ آ گئی اور زمین سے جان چھڑا لی۔۔۔۔!" ثریا مطمئن سی بچیوں کی طرف متوجہ ہو گئی تھی۔
٭٭
"ہائے ہائے میں لٹی گئی برباد ہو گئی۔۔۔۔ ہائے کس ٹٹ پینے کی موت آئی جو میری دھی کی طرف نظر کی اس نے ۔۔۔۔ وے اکرم، وے اسلم۔۔۔۔" ثریا کی آنکھ ساس کی آہ و بکا سے کھلی تھی۔ کئی لمحے تو اسے سمجھ ہی نہ آسکی کہ کیا ہوا ہے ۔ جب بات سمجھ آئی تو اس کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔
"اکرم اٹھ۔۔۔۔دیکھ اماں کو کیا ہوا ہے ۔۔۔۔!" ثریا نے سرسراتی ہوئی آواز میں اکرم کے کان کے پاس منہ لے جا کر کہا۔ کچھ ہی دیر میں سب جنت کے صحن میں کھڑے تھے ۔ جنت کے منہ سے مغلظات کا طوفان ابل پڑا تھا۔ ساتھ میں وہ سینہ بھی پیٹ رہی تھی۔
" ہائے ہائے کس اوترے نے ہماری عزت پر ہاتھ ڈالا۔۔۔۔"
"اماں چپ کر پہلے ، اور بتا ہوا کیا ہے ۔۔۔۔" اسلم ابھی بھی نیند میں تھا۔
"کمبخت تیری دھی کو کوئی اٹھا لے جاتا تو تجھے پتا چلتا نا۔۔۔" وہ اسی پر الٹ پڑی تھی۔
" مگر اماں یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ماں ہو کر تجھے پتا نہ ہو۔۔۔۔" اکرم اب ماں پر ہی الزام دے رہا تھا۔
"شابش اے ۔۔۔۔پترا، بیوی کے کہنے میں آ کر اب تو ماں کو ہی الزام دے گا۔۔۔۔"
"مگر وہ گئی کس کے ساتھ ہے ؟" آخر صغراں بھابھی کے منہ سے اصل سوال نکل ہی گیا۔
"وہ گئی نہیں، کوئی اٹھا کر لے گیا ہے اسے ۔۔۔۔"
"اس سے کیوں نے پوچھتے ، یہ سارا وقت اس کے ساتھ ہوتی تھی۔۔۔۔" ثریا نے اسلم کی چودہ سالہ بیٹی کی طرف اشارہ کیا جو مسرت سے دو ڈھائی سال ہی چھوٹی تھی۔
" واہ مجھے کیا پتا۔۔۔۔ تیرے بھائی کے ساتھ ہی گئی ہو گی چاچی!" شازیہ نے مسرت کا کہا سبق دوہرا دیا تھا۔
"خبردار جو تو نے میرے بھائی کا نام لیا تو ڈائن۔۔۔۔ ساری دوپہر تو تو اور مسرتی کھو کے پیچھے اس فوجی اور اس کے یار کے ساتھ گزارتی تھیں۔۔۔۔اور اب اپنے عیب چھپانے کی خاطر میرے بھائی کا نام لے رہی ہے ۔۔۔۔تجھے تو میں زندہ نہیں چھوڑوں گی۔" ثریا میں بھائی کا نام سن کر ناجانے کہاں سے اتنی طاقت آ گئی تھی کہ اس نے آؤ دیکھا نہ تاؤ، شازیہ کے منہ پر ایک تھپڑ جڑ دیا۔ شازیہ اس حملے کے لئے تیار نہ تھی اور باقی کسی کو بھی شاید اس بات کا یقین نہیں تھا۔
"ہاں کھو کے پیچھے تو کل بھی میں نے ان دونوں کو دیکھا تھا۔" جنت کی بہن کا پوتا جو اس کے پاس کچھ دن رہنے آیا ہوا تھا، فوراً بول پڑا۔ شاید اسے بھی دکھ تھا کہ بہتی گنگا میں وہ کیوں نہیں ہاتھ دھو سکا۔ دن چڑھنے تک یہ بات واضع ہو چکی تھی کہ مسرت اپنی عمر سے تین گنا بڑے ، فوج کے ریٹائرڈ صوبیدار کے ساتھ گھر کا سارا زیور پیسہ لے کر بھاگ چکی ہے ۔
٭٭
"وے حرام دیو۔۔۔۔ کجھ غیرت کرو نہیں تو یہ غیرت کی پھکی ہی کھا لو۔۔۔۔ " جنت نے برامدے کے چھتیر میں سے چوہے مار دوائی کی پڑیا نکال کر اکرم کے منہ پر دے ماری تھی۔ پاس ہی اسلم بھی سر جھکائے بیٹھا تھا۔
"اماں تو۔۔۔۔" وہ اس حملے کے لئے تیار نہ تھا۔
"اماں کیا!" وہ پھنکاری تھی۔
"اماں تو صبر کر۔۔۔۔سردار جاوید کل پنچایت بیٹھا رہا ہے ۔ فیصلہ ہمارے ہی حق میں ہو گا۔" اسلم نے ماں کو تسلی دی تھی۔
"وے کیسا فیصلہ اور کونسا فیصلہ۔۔۔۔میرے تو کلیجے میں تب ٹھنڈ پڑے گی جب تو ان کی گھر کی کڑیوں کو ننگا کر کے گلیوں میں پھرائے گا۔۔۔۔میرے دل کو تو تب چین پڑے گا جب تو۔۔۔۔" جنت حسب سابق پستی کی انتہا پر پہنچ چکی تھی۔ ثریا نے چپکے سے پڑیا اٹھائی اور بیٹیوں کو لے کر اپنے کمرے میں چلی گئی۔
"بھلا بے غیرت مائیں بھی با غیرت بیٹوں کو جنم دے سکتی ہیں۔۔۔۔جنت بی بی تجھے نہیں پتا شاید تیرے ساتھ یہ کیوں ہوا ہے ۔" وہ دکھ کی شدت سے اندر ہی اندر کانپ رہی تھی۔
٭٭
آج پنچایت کے فیصلے کا دن تھا۔ ثریا کی بے چینی کم نہیں ہو رہی تھی۔ کبھی وہ اندر جاتی کبھی باہر۔ بیٹیوں کو بھی اس نے اندر کمرے میں بیٹھا چھوڑا تھا۔ ہر آہٹ پر اس کا دل کانپ جاتا۔۔۔۔
"بی بی۔۔۔۔" باہر سے درد میں ڈوبی سلیم کی آواز نے اسے لرزا دیا تھا۔ وہ لپک کر دروازے کی طرف گئی اور کنڈی گرادی۔
" کیا ہوا ویر۔۔۔۔" وہ اس کے سر سے بہتے خون کو دیکھ کر دنگ رہ گئی۔
"بی بی وہ، بی بی وہ۔۔۔۔" وہ دروازے کے اندر آ گرا تھا۔
"کیا ہوا سلیم بتا نا۔۔۔۔کس نے کیا یہ تیرے ساتھ۔۔۔۔۔!"
"بی بی وہ نورین۔۔۔۔" سلیم مشکل سے اٹھ کر کھڑا ہوا تھا۔
"بی بی پنچایت نے فیصلہ دیا ہے ۔۔۔۔ کہ صوبیدار فصل داد کی بھتیجی نورین کے ساتھ۔۔۔۔۔ مسرت کے بھائی بدلے کے طور پر برا سلوک کریں گے ۔۔۔۔ بی بی ماسی کو کہہ وہ لالے کو روک لے ۔۔۔۔میں نے روکنے کی کوشش کی تو اس نے میرے سر میں ڈانگ مار دی۔۔۔۔" سلیم کے حلق سے گھٹی گھٹی چیخیں نکل رہی تھیں۔
"وے میں کیوں روکوں۔۔۔۔ میں تو کہتی ہوں فصل داد کی بھتیجی، بہن، بھرجائی، ایک ایک کا منہ کالا کریں تو میرے دل کو ٹھنڈ پڑے ۔۔۔۔"
"تو پولیس کے پاس کیوں نہیں گیا۔" ثریا نے ساس کی سنی ان سنی کی۔
"بی بی پولیس تو وہاں موجود تھی۔۔۔۔" سلیم کی آنکھوں میں بے بسی کے مارے آنسو نکل آئے ۔
"نورین کے بھائی۔۔۔۔"
"بی بی کوئی نہیں ہے اس کا۔۔۔۔ بھلا یتیم اور غریب کا بھی کوئی ہوتا ہے ۔۔۔۔!
"چل میں چلتی ہوں تیرے ساتھ۔۔۔۔۔" ثریا نے بھائی کا بازو پکڑا تھا۔
"اری تو کدھر جاتی ہے ۔۔۔۔" جنت، صغراں اور اس کی بہن نے اسے دبوچ کر کمرے میں لے جا کر باہر سے کنڈی چڑھا دی تھی۔ وہ اندر سے بہت دیر دروازہ پیٹتی رہی، سلاخوں والی کھڑکی میں کھڑے ہو کر آوازیں دیتی رہی مگر سننے والا کوئی نہ تھا۔
٭٭
رات کا نجانے کون سا پہر تھا جب کمرے کا دروازہ کھلا۔۔۔۔دروازے میں اکرم کھڑا تھا۔ ثریا اس کا چہرہ دیکھ کر لرز گئی تھی۔ اس کا چہرہ ایک ایسے وحشی درندے کا لگ رہا تھا جو خون سے اپنی پیاس بجھانے کے بعد سرور کے عالم میں ہو۔ وہ ڈولتے قدموں سے آیا اور بستر پر گر گیا۔
"ادھر۔۔۔۔ آ۔۔۔۔ ثرررر۔۔۔ یا۔۔۔۔" اس کے منہ سے الفاظ ٹوٹ ٹوٹ کر نکل رہے تھے ۔
"نہیں۔۔۔۔" وہ پھنکاری اور ساتھ والے کمرے میں جا کر کنڈی چڑھا لی۔ اگلے دن شام تک اخبار اور ٹی وی کے وا ویلے پر پولیس حرکت میں آ چکی تھی اور اکرم روپوش ہو چکا تھا۔
٭٭
"ماسی بس اب اسے کچھ دن مکمل آرام کروا۔۔۔۔ خون کافی ضائع ہوا ہے ۔ شکر کرو جان بچ گئی ہے ۔" ثریا نسرین کا کیس کر کے فارغ ہوئی تھی اور اب اس کی ماں کو ہدایات دے رہی تھی۔ پاس ہی اس کی ساس بیٹھی برے برے منہ بنا رہی تھی
"چاچی ساوراں بہوئیں بھی بیٹیاں ہی ہوتی ہیں چاہے کسی اور کی سہی۔۔۔۔" ثریا یہ کہہ کر دروازے کی طرف بڑھ گئی تھی۔
"اکرم جیسے کی بیوی ہو کر اکڑتی کیسے ہے ، بے غیرت۔" پیچھے سے اسے چاچی ساوراں کی آواز آئی تھی۔
"کس کو کہا بے غیرت۔۔۔۔ہیں؟؟؟ اگر تم جیسیوں کو جن کے جوان کڑیل پنچایت میں بیٹھے تھے ، حیا نہیں آتی تو میں کیوں منہ چھپاؤں۔ اس کو روکنے کو تو کوئی آگے نہیں بڑھا۔۔۔۔میں اور میری دھئیں تمہیں بے غیرت لگتی ہیں۔۔۔میں تو ویسے بھی اپنے باپ کی بیٹی ہوں۔۔۔۔اکرم جیسے پر تھوکتی بھی نہیں، اب کے آئے گا تو یہ بھی دکھا دوں گی کہ غیرت ہے یا نہیں۔۔۔۔" اس نے درمیان میں اپنا جملہ چھوڑا تھااور باہر نکل آئی تھی۔ صحن میں بیٹھی عورتیں منہ میں انگلیاں دبائے بیٹھی رہ گئی تھیں۔
"نی کہاں سے آ رہی ہے ۔۔۔۔" وہ گھر میں داخل ہوئی تو اس کی ساس کمر پر ہاتھ رکھے لڑنے کو تیار کھڑی تھی۔
"تیرے ہوتے سوتوں کے کیے بھگتا کر آ رہی ہوں۔۔۔۔ ویسے فصل داد کی کوئی سگی وہاں آئی ہوئی تھی۔ کہہ رہی تھی مسرتی تیسری بار فصل داد کے گھر سے بھاگ کر پھر اسی کے پاس واپس آ گئی ہے ۔۔۔۔اور ہاں وہ یہ بھی کہہ رہی تھی کہ فصل داد اس بار اسے کسی کوٹھے پر چھوڑنے کا سوچ رہا ہے ۔ آخر دام بھی تو کھرے کرنے ہیں۔" ثریا کا اندر اسے دہکائے رکھتا تھا اور وہ اپنے سامنے آنے والے کو جھلسائے ۔
"ہائے نی تیرا ککھ نہ رہے ۔۔۔۔"
" میرے پاس ہے ہی کیا سوائے تیرے پتر کی نشانیوں کے جنہیں تو اپنا مانتی نہیں۔۔۔۔میرے پاس تو پہلے ہی ککھ وی نہیں مگر میں تم لوگوں کو بھی ککھ بنا دوں گی۔۔۔۔اب مسرتی کا قصہ سب کو نا سنایا تو میں بھی اپنے باپ کی نہیں۔۔۔۔" اس نے ساس کی بات درمیان میں سے کاٹ کر ایک اور کاری وار کیا تھا۔ جنت بکتی جھکتی اپنے حصے کی طرف چلی گئی تھی۔
ثریا نے کمرے میں آ کر چادر ایک طرف پھینکی اور پنکھا پوری رفتار سے چلا دیا۔ نومبر کے مہینے میں بھی وہ تندور کی طرح تپ رہی تھی۔ "بے غیرت، غیرت،۔۔۔۔غیرت کی پھکی۔۔۔۔!" اس کا دماغ اس شور سے ماؤف ہوا جا رہا تھا۔ جب اس کے اعصاب ٹھکانے آئے تو وہ چند لمحے سوچتی رہی اور پھر کونے میں پڑے ٹرنک میں کچھ ڈھونڈنے لگی۔ حسب منشاء چیز مل جانے پر اس کی آنکھوں میں چمک آ گئی تھی۔
٭٭
"بی بی سب کہہ رہے ہیں کہ ہماری طرف کا بند توڑ دیا جائے ۔ تو چلنے کی تیاری کر۔۔۔۔" سلیم اس بار آٹھ ماہ بعد شہر سے آیا تھا۔
"تیاری تو پوری ہے بس ایک کام رہ گیا ہے !" ثریا نے سکون سے جواب دیا۔
"بی بی بس جلدی کر ہمیں دن چڑھنے سے پہلے پہلے نکل جانا ہے ۔" سلیم یہ کہہ کر رکا نہیں تھا۔
"مجھے پتا ہے وہ ضرور آئے گا۔۔۔۔" ثریا نے ٹرنک کھول کر اندر دیکھا اور اپنی تسلی کی۔ پھر کچھ خیال آیا تو اس نے ٹرنک میں ہاتھ ڈال کر اسے نکال کر اس کا جائزہ لیا۔ "کافی ہے ۔۔۔۔" پھر اس نے ٹرنک کو بند کرنے کے بعد بڑی بیٹی کو آواز دی اور اس کے ساتھ مل کر ٹرنک کو اٹھا کر سیڑھیاں چڑھنے لگی۔
چھت پر پہنچ کر اس نے ٹرنک پر پلاسٹک کی شیٹ ڈال دی اور بادلوں سے ڈھکے سیاہ آسمان کو دیکھا۔ ہوا میں خنکی تھی۔
"اماں میں یہاں چھت پر سو جاؤں۔۔۔۔" سات سالہ عائشہ نے ماں کا ہاتھ ہلا کر کہا۔
"ہاں سو جا۔۔۔۔ میں تجھے کھیس لا دیتی ہوں۔" جب وہ واپس آئی تو اس کی کندھے سے سوئی ہوئی اسماء لگی تھی۔ اس نے دونوں کو چارپائی پر کھیس پیچھا کر لٹا دیا اور خود نیچے آ گئی۔ چند لمحے وہ سیڑھیوں کے پاس کھڑی اندھیرے میں کچھ کھوجنے کی کوشش کرتی رہی۔ گلی میں لگا کمزور سا بلب صحن میں چھائے اندھیرے کو دور کرنے میں بری طرح ناکام ہو رہا تھا۔ دور کہیں کسی گیدڑ کے رونے کی منحوس آواز نے اسے چونکا دیا تھا۔ وہ کچھ سوچ کر داخلی دروازے کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھ گئی۔ اس کی آنکھوں سے نیند کوسوں دور تھی اور اس کے کان کسی آہٹ پر لگے ہوئے تھے ۔ پھر اس کا انتظار ختم ہو گیا۔
قدموں کی چاپ قریب آتی جا رہی تھی اور پھر ایک دم معدوم ہو گئی۔ اس کے بعد دروازے پر دستک ہوئی تھی۔۔۔۔دور کہیں موجوں کا شور بڑھتا جا رہا تھا!
٭٭
ہیلی کاپٹر کی گھن گھرج کانوں کے پردے پھاڑے دے رہی تھی۔ وہ بچیوں کو اپنے ساتھ لپٹائے بیٹھی تھی۔ سلیم بچیوں کے دوسری طرف بیٹھا انہیں اپنی پناہ میں لینے کی کوشش کر رہا تھا۔ ہیلی کاپٹر اس وقت انہیں لینے پہنچا تھا جب پانی روشن دانوں تک پہنچ چکا تھا۔۔۔۔
"شکر ہے اماں اور بابا یہ سب دیکھنے سے پہلے ہی اس دنیا سے چلے گئے ۔۔۔۔شاید اب تو ان کی قبروں کے نشان بھی باقی نہ بچیں۔۔۔۔رہے نام اللہ کا۔۔۔۔!" ثریا نے حد نگاہ تک پھیلے پانی کو دیکھتے ہوئے اپنے مرحوم والدین کے بارے میں سوچا تھا۔
خدا خدا کر کے ہیلی کاپٹر ایک میدان میں اترا تھا۔ وہاں انہیں ٹرکوں میں بیٹھا دیا گیا تھا۔ ٹرک آدھے گھنٹے کے سفر کے بعد ایک سکول کی عمارت کے آگے رکے تھے ۔ وہاں پر موجود فوجی لوگوں کو ہدایات دے رہے تھے ۔
"یہاں صرف بیس لوگوں کی گنجائش نکل سکتی ہے ۔۔۔۔باقی لوگوں کو کیمپ میں لے جانا ہو گا۔۔۔۔" ایک افسر دوسرے کو کہہ رہا تھا۔ ثریا نے ٹرک سے اترنے کی کوشش کرتے ہوئے سلیم کو ایک دم سے روک دیا تھا۔
"ہم کیمپ میں جائیں گے سلیم، یہاں نہیں۔۔۔۔" نجانے کیا دیکھ کر اس نے سلیم کو روک دیا تھا۔ سلیم نے حیران ہو کر اسے دیکھا تھا، پھر خاموشی سے ٹرک میں بیٹھ گیا تھا۔ ٹرک پھر روانہ ہو گیا تھا۔ اگلی منزل ایک خیمہ بستی تھی۔۔۔۔ثریا مطمئن سی بچیوں کے ساتھ وہاں اتر گئی۔
بچیوں کے ہاتھ میں تھیلے پکڑا کر وہ سلیم کے ساتھ ٹرنک اٹھانے کو جھکی تو اس نے منع کر دیا۔ ثریا بچیوں کا ہاتھ پکڑ کر چلنے لگی۔ ہر خیمے میں کسمپرسی کی حالت میں گھروں کو چھوڑ کر آئے ہوئے لوگ تھے ۔ وہ ایک پیچھے کو لگے خیمے کے آگے رک گئی۔ یہ خیمہ ایک طرف سے پھٹا ہوا تھا۔۔۔۔ اس کے اندر صرف ایک لڑکی گھٹنوں پر سر دھرے بیٹھی تھی۔ اس نے ان کے آنے پر سر اٹھا کر دیکھا تھا۔۔۔۔ثریا نے ایسی ویران آنکھیں پہلے کبھی نہیں دیکھیں تھیں!
٭٭
"مولوی صاحب میں اس خیمہ بستی سے آئی ہوں۔ یہ میری بیٹی نورین بانو ہے ۔۔۔۔ میں اس کا نکاح کرنا چاہتی ہوں۔" نورین نے سر اٹھا کر حیران ہو کر اسے دیکھا۔
"جزاک اللہ، لڑکا بھی ساتھ ہے !" مولوی صاحب نے انہیں بیٹھنے کا اشارہ کیا۔
"جی یہ میرے بھائی کا بیٹا سلیم ہے ۔۔۔۔" وہ نئے رشتے ترتیب دے رہی تھی۔
"قریشی صاحب، انور علی، جناب اصغر صاحب۔۔۔۔حضرات یہ بچی کے نکاح کا کام ہے ۔ آئیے اس کار خیر میں حصہ لیں۔" مولوی صاحب نے جماعت سے فارغ ہونے والے حضرات کو مخاطب کیا۔
"بیٹی یہ میری طرف سے نئی زندگی شروع کرنے پر۔۔۔۔" نکاح کے بعد قریشی صاحب نے بند مٹھی سے نورین کی جھولی میں کچھ ڈالا تھا۔ ان کی دیکھا دیکھی سب نے اسے سلامی کے طور پر کچھ نا کچھ دیا تھا۔ اس سیلاب نے بہت سے دلوں کی کثافتیں دھو ڈالی تھیں۔
تھوڑی دیر بعد وہ خیمہ بستی کی طرف واپس جانے کی بجائے ایک سڑک کے کنارے کسی سواری کے انتظار میں کھڑے تھے ۔ دور سے آتے ٹانگے کو سلیم نے ہاتھ دے کر روکا تھا۔ بچیاں، ثریا، اور نورین پیچھے بیٹھ گئیں تھیں اور سلیم آگے کوچوان کے ساتھ بیٹھ گیا تھا۔ ایک لمبی مسافت کے بعد ٹانگہ ایک گلی میں ایک دروازے کے آگے رکا تھا۔ سلیم نے آگے بڑھ کر تالا کھولا تھا۔ سامنے ایک چھوٹا سا صحن اور برآمدہ نظر آ رہا تھا۔ برآمدے کے ساتھ ملحقہ باورچی خانہ اور کمرے تھے ۔ صحن میں ایک طرف غسل خانہ بھی تھا۔
"اس مکان کو گھر بننے میں کچھ وقت لگے گا مگر یہ گھر ضرور بن جائے گا ان شاء اللہ۔۔۔۔" اس نے مسکرا کر نورین اور سلیم کی طرف دیکھا تھا۔ نورین کے لبوں پر مدت بعد مبہم سی مسکراہٹ نظر آئی تھی۔۔۔۔ وہ سلیم کے برابر کھڑی تھی۔۔۔۔ سلیم مطمئن ہو کر سامان اندر کمرے میں لے جانے لگا۔۔۔۔
٭٭
"لگتا ہے ہمیشہ سے یہیں رہ رہیں ہوں۔۔۔۔اللہ تیرا شکر۔" ثریا نے چائے کا مگ صحن میں رکھی میز پر ٹکایا اور جمعے کے جمعے آنے والا اخبار اٹھا کر پاس پڑی کرسی پر بیٹھ گئی۔
سرخیوں پر نظر دوڑاتے دوڑاتے ایک خبر نے اس کی توجہ کھینچ لی۔
مکان کی کھدائی کے دوران انسانی ہڈیاں برآمد
سیلاب کے بعد واپس آنے والے خاندان نے جب نئے مکان کے لئے کھدائی شروع کی تو وہاں سے ایک انسانی ڈھانچہ برآمد ہوا۔ ڈیڑھ سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود لاش پر کپڑے موجود تھے اور قمیض کی جیب میں شناختی کارڈ اور گلے میں تعویذ کی موجودگی پہچان کا باعث بنی۔ مالک مکان کا کہنا ہے کہ یہ اس کے بھائی اکرم کی لاش ہے جو سیلاب سے پہلے ایک عرصے سے لا پتہ تھا۔ سیلاب کے دوران اس کے بیوی بچے بھی لا پتہ ہو گئے تھے ۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتا کہ اکرم کب واپس آیا اور سیلاب کے دوران اس کے ساتھ کیا بیتی۔
اس کے برخلاف گاؤں والوں کا کہنا تھا کہ یہ اکرم کو اس کے کرتوتوں کی سزا ملی ہے ۔ اس نے اپنی بہن کے گھر سے بھاگ جانے کا بدلہ پنچایت کے فیصلے پر ایک بے گناہ یتیم بچی سے اس کی آبرو ریزی کر کے لیا تھا۔ آج اس کو قبر کی جگہ بھی میسر نہیں۔ اس دوران اکرم کی ماں بین کرتی رہی اور گاؤں والوں کے الزامات کو غلط قرار دیتی رہی۔ آخری خبریں آنے تک وہاں کہ ایم پی اے سردار جاوید کی مداخلت پر پولیس نے اسے ایک اتفاقی حادثہ قرار دے دیا تھا اور لاش ورثہ کے حوالے کر دی تھی۔۔۔۔۔
"پتا نہیں کس کو کس کے کرتوتوں کی سزا مل رہی ہے ۔۔۔۔!"
ثریا نے مکمل خبر پڑھنے کے بعد سکون سے چائے کا کپ اٹھا کر منہ سے لگا لیا تھا۔ پھر اس نے احتیاط سے اخبار کو تہہ کیا اور اندر کی جانب چل دی۔ اس نے ٹی وی چلا کر مختلف چینل بدل کر دیکھے ۔ ہر چینل پر یہ خبر کسی نہ کسی انداز میں پیش کی جاری تھی۔۔۔۔ اس نے مڑ کر سلیم کے کمرے کے بند دروازے کو دیکھا پھر آہستگی سے ہاتھ بڑھا کر کیبل کی تار کو ڈھیلا کر دیا۔ اب ٹی وی کی سیکرین خالی تھی۔
"اب دو تین دن تو لگیں گے اسے ٹھیک ہو نے میں۔۔۔۔" اس نے سوچا۔ پھر وہ اپنے کمرے کی طرف چل دی۔ کمرے میں اس کی دونوں بیٹیاں ابھی تک سو رہی تھیں۔ اس نے دبے پاؤں چلتے ہوئے کمرے میں رکھے ٹرنک کا رخ کیا۔ ٹرنک کو احتیاط سے کھول کر اس نے اس کی تہہ میں ہاتھ ڈالا تھا۔ اس کے ہاتھ میں پلاسٹک میں لپٹی ایک پڑیا آ گئی تھی۔ اس نے بہت محتاط انداز سے پلاسٹک کا لفافہ کھولا۔ پھر ایک نظر غور سے اس پیکٹ کو دیکھا۔۔۔۔ اس کے بعد اس نے تہہ کیا ہوا اخبار اسی لفافے میں رکھ دیا اور پھر ان دونوں چیزوں کو پھر سے ٹرنک کی تہہ میں دبا دیا۔
"ہو تو نہیں سکتا، مگر کیا پتا اس غیرت کی پھکی کی پھر کب ضرورت پڑ جائے ۔۔۔۔" اس بار اس نے ٹرنک کو تالا بھی لگا دیا تھا!!!
٭٭٭
ماخذ:
https://amnasurdu.wordpress.com/category/%da%a9%db%81%db%8c-%d8%a7%d9%86-%da%a9%db%81%db%8c/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
غیرت، بے غیرت
ناولٹ/طویل کہانی
آمنہ احمد
لوڈ کریں
اقتباس
ہمیشہ کی طرح اس نے وہ خبر پڑھ کر سوچا تھا "مرد غیرت کے نام پر قتل کرتا ہے ، عورت کیوں نہیں!"
"کیا عورت میں غیرت نہیں ہوتی؟ کیا عورت کی شرم و حیا اسے با غیرت ہونے سے روک دیتی ہے ؟" اخبار ایک طرف رکھ کر اس نے سامنے رکھی کتاب پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہی۔ اس کے ساتھ ہر بار ایسا ہی ہوتا تھا۔۔۔۔ جب بھی غیرت کے نام پر کسی لڑکی کے قتل، ونی، یا پنچایت کے فیصلے پر آبرو ریزی کی خبر پڑھتی تھی تو اس کے اندر تک بے چینی اتر جاتی تھی اور پھر کئی بے خواب راتیں اس کا مقدر بنتی تھیں۔
"جو مرد غیرت کے نام پر یہ سب کرتے ہیں، ان کے گھر کی عورتیں یہ سب کیسے برداشت کرتیں ہیں۔۔۔۔ چلو ماں بہنوں کا تو خون کا رشتہ ہے ، مگر ایک بیوی یہ کیسے برداشت کرتی ہے کہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔" ایسے باتیں سوچ سوچ کر آج بھی اس کا دماغ شل ہو رہا تھا اور آنسو کہیں اندر ہی اندر گر رہے تھے ۔
٭٭
"بس
لالا اب تاریخ دے دے ۔ پڑھ لیا ثریا نے جتنا پڑھنا تھا!" اسے اپنی ہونے
والی ساس جنت بی بی کی آواز اندر تک آ رہی تھی۔ دل میں جہاں خوشگوار
احساسات جنم لے رہے تھے ، وہیں اپنا ہیلتھ وزیٹر کے طور پر کام کرنے کا
خواب پورا نہ ہونے کا بھی ملال تھا۔ "مگر ابا اب اور انتظار نہیں کر سکتا،
اماں زندہ ہوتی تو اور بات تھی۔۔۔۔" اس نے پھونکنی سے ایک بار پھر سے آگ
جلانے کی کوشش کی۔ دھواں آنکھوں میں بھر رہا تھا۔ جانے کا وقت آ گیا تھا!
٭٭
"ثریا
او ثریا، کہاں رہ گئی ہے ، ابھی تک ناشتہ نہیں بنا!" اکرم کی تیز آواز نے
اس کے ہاتھوں کی رفتار بھی تیز کر دی تھی۔ جلدی جلدی چھنی میں دہی پر شکر
ڈال کر اس نے چنگیر میں رکھے پراٹھے پر رکھی اور دوسرے ہاتھ سے چائے کا مگ
اٹھا کر برآمدے کی طرف چل دی۔ اکرم نے اپنی مونچھوں کو وٹ دیتے ہوئے ترچھی
نظروں سے اسے دیکھا تھا۔ شروع شروع میں تو اسے اکرم کی یہ بیباکی اچھی
لگتی تھی مگر اب سب کے درمیان میں بیٹھ کر اس کا ایسے دیکھنا اسے کبھی
کبھی پریشان کر دیتا تھا۔ وہ اس کے سامنے ناشتہ رکھ کر واپس چولہے کے آگے
جا بیٹھی۔
"اچھا میں اب چلتا ہوں۔۔۔۔سردار صاحب انتظار کر رہے ہوں گے ۔" اکرم کندھے پر پٹکا ڈال کر باہر کے دروازے کی طرف بڑھ گیا۔ ثریا نے اس کے جانے کے بعد حسب معمول صحن میں جھاڑو دی اور پھر کپڑے دھونے بیٹھ گئی۔
"لالا تجھے ایسے دیکھ لے تو۔۔۔۔۔۔۔" اس کی دس سالہ نند مسرت اس کی گیلی قمیض جو اس کے جسم سے چپک گئی تھی، کی طرف اشارہ کر کے ایک آنکھ دبا کر ہنسی اور بڑی ادا سے اپنا لال دوپٹہ گلے میں ڈالا۔ ثریا کے ماتھے پر پسینہ آگیا تھا۔
"مسرت۔۔۔۔!" اس نے اونچی آواز میں گھرکنے والے انداز میں تنبیہ کی۔
"نی۔۔۔۔ مسرت کیا۔۔۔۔؟" اس کی ساس بھری چوڑیوں والے ہاتھ میں مسواک پکڑے ، اپنے کمرے کے دروازے میں کمر پر ہاتھ رکھے کھڑی تھی۔
"کچھ نہیں میں تو۔۔۔۔۔" اس کی آواز لڑکھڑا گئی تھی۔ اتنے دنوں میں اسے یہ تو بخوبی اندازہ ہو گیا تھا کہ سسرالی رشتے سسرالی ہی ہوتے ہیں۔ وہ خاموشی سے کپڑے پھیلانے لگی۔ اندر کمرے سے کسی پنجابی گانے کی شوخ آواز باہر تک آ رہی تھی۔
کھانا پکاتے اور تندور تا کر روٹیاں پکانے تک اسے ظہر کا وقت ہو گیا تھا۔ سب کے کمروں میں الگ الگ کھانا پہنچا کر وہ نماز پڑھنے چل دی۔ نماز سے فارغ ہو کر اسے کپڑوں کا خیال آیا تھا۔ وہ جلدی جلدی سوکھے کپڑے اتارنے لگی اور ساتھ میں تہیں بھی لگا کر چار پائی پر رکھتی جا رہی تھی۔
"یہ سوٹ کا کاسنی دوپٹہ کہاں گیا۔۔۔۔! اس نے ادھر ادھر نگاہ ڈالی۔ دوپٹے کا ایک کونا پچھواڑے جاتی گلی کی نکڑ پر نظر آ رہا تھا۔ وہ اٹھانے کے لئے اس طرف آ گئی۔ مکان کی یہ طرف سائے میں تھی اور باہر لگی بیری بھی اسے نیم تاریکی میں رکھتی تھی۔ اسے گلی میں ایک سایہ سا نظر آیا۔ وہ ٹھٹھک گئی!
کمرے کی گلی میں کھلنے والی بند کھڑکی سے اس کے جیٹھ کی سرگوشیوں کی آواز آ رہی تھی اور ساتھ میں جیٹھانی کی دبی دبی ہنسی اور چوڑیوں کی کھنک کی بھی۔ گلی میں دبکا وہ سایہ کھڑکی سے ایک آنکھ لگائے بیٹھا تھا۔ اس کا تنفس تیز تھا اور اسے اپنے لال دوپٹے کا کوئی ہوش نہ تھا۔ ثریا نے آہستگی سے اپنا دوپٹہ اٹھایا اور دبے پاؤں پلٹ گئی۔۔۔۔
"یا اللہ رحم۔۔۔۔" اس نے دل پر ہاتھ رکھ کر کہا اور خاموشی سے اپنے کمرے کی طرف بڑھ گئی۔ کمرے میں آ کر اس نے کھڑکی کے لکڑی کے پٹوں کے درمیان درزوں کو غور سے دیکھا۔ اس کے کمرے کی ایک کھڑکی باہر برآمدے میں اور دوسری پچھواڑے میں کھلتی تھی۔۔۔۔وہ چند لمحے کچھ سوچتی رہی، پھر اپنی جہیز کی پیٹی جو کمرے کے ایک کونے میں پڑی تھی، اس کو کھول کر کچھ ڈھونڈنے لگی۔
اکرم شام میں دیر سے آتا تھا۔ اس کے پاس کافی وقت تھا۔ وہ مطمئن ہو کر سلائی مشین پر جھک گئی۔
"ارے یہ کیا۔۔۔۔" رات میں جب اکرم کھانا کھا کر پلنگ پر لیٹا تو اس کی نظر کھڑکیوں پر پڑی۔
"بس چادروں کا کپڑا فالتو پڑا تھا اور میرے پاس دوپہر میں وقت بھی تھا۔ سوچا پردے ہی سی کر لگا دوں۔" ثریا نے مسکرانے کی بھر پور کوشش کی۔
"فیشن تو تیرے سارے شہرنوں والے ہیں۔۔۔۔" اکرم نے اسے بے ڈھنگے پن سے اپنی طرف کھینچا تھا۔ ثریا کو لگا تھا جیسے پچھواڑے میں کسی نے غصے میں زور سے دیوار پر ٹھوکر ماری ہو، مگر اب وہ مطمئن تھی!
٭٭٭
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)