فراقؔ کی جمالیات
شکیل الرّحمٰن
FIRAQ KI JAMALIYAT
(Aesthetics of Firaq)
By
SHAKEELUR REHMAN
2009
© جملہ حقوق بحق عصمت شکیل محفوظ
مدھوبن، A-267، ساؤتھ سٹی۔
گڑگاؤں۔ 122001(ہریانہ)
سرورق : www.shahinasgallery.com
Website : www.shakeelurrehman.com
email: [email protected]
انتساب
فراقؔ صاحب
آپ کے نام
۱۹۵۲ء میں ’نگار‘ لکھنؤ میں میرے چند مضامین پڑھ کر آپ نے تحریر کیا تھا:
’’شکیل الرحمن ایک نمک حلال نقاّد ہیں !‘‘
جب بھی لکھنے بیٹھتا ہوں آپ کا یہ جملہ سرگوشی ضرور کرتا ہے۔
۔۔۔ شکیل الرحمٰن
خود اپنے ہی اندر سے اُبھرتا ہے وہ موسم
جو رنگ بچھا دیتا ہے تتلی کے پروں پر
(اطہرؔ نفیس)
اطہرؔ نفیس کا یہ خوبصورت معنی خیز شعر ذہن کو ’سائیکی‘ (Psyche) کی گہرائیوں میں اُتار دیتا ہے۔ ’سائیکی‘ کے آہنگ (Rhythm) کی غنائیت و معنویت سے جمالیاتی انبساط حاصل ہوتا ہے۔ تخلیقی ’وژن‘ کے دلکش نقش کے ساتھ پراسرار تخلیقی عمل کی بھی پہچان ہو جاتی ہے۔ اس داخلیت آمیز صورت گری کے باطن میں لمسی احساسات کی زرخیزی و لطافت کو پا لینا زیادہ مشکل نہیں ہے۔ ہر بڑی تخلیق تحیّر کے ایسے ہی جمال کو پیش کرتی ہے۔ تتلی کے پروں پر جو رنگ بچھ جاتا ہے وہ ’سائیکی‘ ہی کا کرشمہ ہے، داخلی تجربوں کے حسن کا کارنامہ! بار بار پروں کی جنبش سے ’سائیکی‘ کا آہنگ قریب محسوس ہونے لگتا ہے۔ ’سائیکی‘ کے اندر جو تجربہ اُتر جاتا ہے وہ باہر آ کر حسن کا پیکر اور حیرت و استعجاب کا معنی خیز استعارہ بن جاتا ہے، ہم محدود کو لامحدود بنتے دیکھنے او ر شدّت سے محسوس کرنے لگتے ہیں۔
جدید اُردو ادب میں فراقؔ باطن میں محسوس کیے ہوئے حسن اور داخلی غنائیت کے سب سے بڑے شاعر ہیں، اُن کے زندہ لمسی احساسات اکثر ڈنک مارتے ہیں او ر ہر ڈنک سے لذّت بخش ٹیس ملتی رہتی ہے۔ فراقؔ صاحب نے اقبالؔ کے بعد اُردو شاعری کو جو نیا آہنگ بخشا ہے وہ خالص ان کی اپنی جمالیاتی ّحسیت (aesthetic sensibility) کی دین ہے۔ تجربوں کے باطن کا آہنگ ایک دلکش اور دلنشیں Rhythmic form کی صورت اختیار کر لیتا ہے جس سے آواز اور اکثر اس کے زیر و بم کے حسن سے گہری مسرّت حاصل ہوتی ہے۔ خیال نغماتی اظہار میں ڈھل جاتا ہے۔ غالباً اس کو الوہیت کی موزونیت یا harmony of the divine کہتے ہیں۔ فراقؔ کی جمالیات کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ جب فنکار اپنے وجود اور اپنی ’سائیکی‘ کے آہنگ کے ساتھ محبوب کو دیکھتا، محسوس کرتا اور چکھتا ہے تو ہر عمل موسیقی کے آہنگ میں ڈھل جاتا ہے، جس طرح کائنات اور زندگی کا اظہار بنیادی طور پر خالق کی موسیقی اور اس کا پراسرار آہنگ ہے اسی طرح شاعر کے تخلیقی تجربوں کا ظہور یا manifestation وجود اور ’سائیکی‘ کے آہنگ کے اندر سے ہوتا ہے، کچھ اس طرح جیسے یہ تجربے خود آہنگ ہوں۔ خوبصورت اور اچھے اشعار سے ہم اس لیے متاثر ہوتے ہیں کہ ان سے الوہی نغمے یا الوہی سمفنی (symphony) کا احساس ملنے لگتا ہے :
صد مہر و قمر اس میں جھلک جاتے ہیں ساقی
اِک بوند مئے ناب میں صد عالمِ امکاں
فراقؔ ایک ہوئے جاتے ہیں زماں و مکاں
تلاشِ دوست میں میں بھی کہاں نکل آیا
ہستی بجز فنائے مسلسل کے کچھ نہیں پھر کس لیے یہ فکر قرار و ثبات ہے
میں عدم اندر عدم ہوں میں جہاں اندر جہاں
ایک ہی دُنیا ہو میری، اے فراقؔ ایسا نہیں
تہوں میں دِل کے جہاں کوئی واردات ہوئی
حیاتِ تازہ سے لبریز کائنات ہوئی
فراقؔ کو خود اس بات کا احساس تھا، اپنے ادبی مزاج کی بات کرتے ہوئے لکھتے ہیں :
’’میرے اندر غالب عنصر ذہن کی روحانیت تھی جو بعد کو میری شاعری میں نمایاں ہوئی۔۔۔ میرے مزاج میں وجدانی اور جمالیاتی احساس غالب عنصر ہے۔۔۔ ‘‘
(فراقؔ)
’ردِم‘ (Rhythm) کا تعلق یونانی لفظ rhythmos سے ہے جس کا مفہوم ’رفتار‘ (tempo) سے قریب تر ہے۔ پوری کائنات میں آہنگ کا قانون موجود ہے، اس کے عمل کو خوب محسوس کر سکتے ہیں۔ تمام فطری عوامل کے باطن میں آہنگ موجود ہے، محسوس ہوتا ہے جیسے ہر صورت کے اندر آہنگ کا زیر و بم ہے، تخلیق جو ارتعاشات (vibrations) کا فینومینن ہے آہنگ ہی کا خوبصورت کرشمہ ہے، آہنگ کے بغیر کسی صورت کا تصوّر ہی پیدا نہیں ہو سکتا، کوئی ایسی حرکت نہیں جس میں آواز نہ ہو اور کوئی ایسی آواز نہیں کہ جس میں آہنگ نہ ہو۔ وقت کی رفتار اور لمحوں میں آہنگ موجود ہے۔ آہنگ کی بہترین صورت موسیقی میں دیکھی جا سکتی ہے۔ آہنگ ہی موسیقی کی رُوح ہے، موسیقی کے مختلف حصّے ایک دوسرے سے جذب ہو کر کوئی صورت اختیار کر لیتے ہیں تو مفہوم پیدا ہوتا ہے، بہاؤ میں مفہوم اُبھر آتا ہے۔ شاعری میں اکثر دو مصرعے جب ایک دوسرے میں جذب ہو جاتے ہیں تو بہاؤ کے ساتھ ایک جذبہ خلق ہو جاتا ہے، آہنگ کی ایک جمالیاتی تصویر اُبھر آتی ہے۔ آہنگ کا تعلق کمپوزیشن (composition) یا ترتیب سے ہے، کمپوزیشن جتنا عمدہ ہو گا آہنگ بھی اُتنا ہی متاثر کن ہو گا۔ کسی اچھی تصویر میں چند لکیروں، چند رنگوں کی آمیزش کی تکرار سے جو آہنگ پیدا ہوتا ہے وہ غور طلب ہے۔ تکرار یا Repetition کی بڑی اہمیت ہے، اس سے آہنگ جنم لیتا ہے۔ یہی آہنگ دیکھنے والے کی نظر کو پوری تصویر میں گھومنے پر مجبور کرتا ہے۔
آہنگ (rhythm) فطرت کا پوشیدہ قانون ہے۔ دل کی دھڑکن، نبض کی حرکت، جسم میں خون کی گردش اور طلوعِ آفتاب اور غروبِ آفتاب، سمندر کی لہروں کی مسلسل تبدیلیاں، موسموں کی تبدیلی، سب آہنگ کی تبدیلی کا احساس دیتے ہیں۔ پرندوں کی پرواز اور زمین پر چلتے ہوئے ہر ذی رُوح میں آہنگ موجود ہے۔ رنگوں کی آمیزش کی متوازن صورت سے دلکش آہنگ کی پہچان ہو جاتی ہے، رنگوں میں توازن نہ ہو تو اچھا آہنگ پیدا ہی نہیں ہو گا۔ اچھی موسیقی کا آہنگ ہی رقص کرنے پر اُکساتا ہے۔
آہنگ ایک اسرار ہے جو وقت کے تسلسل اور لمحوں کی خاموش تبدیلیوں میں موجود رہتا ہے۔
اس عہد میں فراقؔ ادبی روایات کے جلال و جمال کے آہنگ کی مکمل طور پر نمائندگی کرتے ہیں، کلاسیکی روایات کے حسن و جمال کو خوب جانتے پہچانتے ہیں۔ ان کی شاعری میں آہنگِ جلال و جمال کا جو منفرد احساس ملتا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ بلاشبہ وہ آہنگِ جلال و جمال کے بڑے شاعر ہیں۔ کلام کا آہنگ عمدہ جذبوں کے رسوں کی دین ہے۔ ّحسیات و لمسیات کی اس شاعری کا آہنگ ہی مختلف اور منفرد ہے :
سمٹ سمٹ سی گئی ہے فضائے بے پایاں
بدن چرائے وہ جس دم اِدھر سے گزرے ہیں
شام بھی تھی دھواں دھواں حسن بھی تھا اُداس اُداس
دِل کو کئی کہانیاں یاد سی آ کے رہ گئیں
تمام خستگی و ماندگی ہے عالمِ ہجر
تھکے تھکے سے یہ تارے تھکی تھکی سی یہ رات
لفظوں کی تکرار (سمٹ سمٹ، دھواں دھواں، تھکے تھکے، تھکی تھکی، اُداس اُداس) نے شاعر کی حسّی اور لمسی کیفیتوں کو تخلیقی سطح پر حد درجہ محسوس بنا دیا ہے، ایسے اشعار میں کبھی محبوب کے جمال کا آہنگ مختلف متحرک نقش مختلف پرچھائیوں کی صورتیں اُبھارتا ہے او ر کبھی ماضی کے درد کے تجربوں کی المناکی کو احساس اور جذبے سے قریب کر دیتا ہے۔ آہنگ کبھی سرگوشی کے اسرار تک اس طرح لے جاتا ہے کہ اسرار کی لطافت ہی سے جمالیاتی انبساط حاصل ہونے لگتا ہے، یادوں کی لطیف پراسرار دھُند میں ذہن اُترنے لگتا ہے۔ اسی کو مسعود آہنگ (Rhythm of Bliss) اور مکمل جمالیاتی آسودگی اور انبساط سے تعبیر کیا گیا ہے۔
ہندوستانی جمالیات کا بغور مطالعہ کیا جائے تو یہ ّسچائی بھی سامنے آئے گی کہ دُنیا کو آواز، آہنگ اور روشنی کا اظہار یا ظہور manifestation سمجھا گیا ہے۔ یہ جمالیاتی فکر و نظر کی بنیادی ّسچائی ہے، سورج اس فکرو نظر کی بنیادی مرکزی علامت ہے۔ ’سوریہ‘ کے لفظ کا تعلق ’سور‘ ( سر) (svar) سے ہے کہ جس کے دو معنی ہیں ’چمک‘، ’روشنی‘ روشن کرنا وغیرہ۔ اور۔۔۔ آواز آہنگ!سات بنیادی رنگ موسیقی میں سات ’سوروں ‘ یا ’ سروں ‘ سے قریب ہیں۔ ’سوریہ‘ روشنی اور آواز دونوں کی علامت ہے۔ روشنی اور آواز کی ہم آہنگی ’سوریہ‘ ہے۔ ہندوستانی جمالیات میں ہر فن میں ’بیانیہ‘ یا narrative کو بڑی اہمیت دی گئی ہے، ’بیانیہ‘ فن کی رُوح ہے، وہ موسیقی ہو یا رقص یا ڈراما، ّمجسمہ سازی ہو یا فنِ تعمیر۔ تمام فنون درخت کی مانند اپنی مضبوط جڑوں کی بنیاد پر اُوپر اُٹھتے، بڑھتے نظر آتے ہیں۔ سب رُوحانی تجربہ لگتے ہیں، لاشعور میں غالباً یہ عقیدہ پوشیدہ ہے کہ زندگی کا تسلسل قائم ہے، ساتھ ہی زندگی کی وحدت بھی موجود ہے۔ ہندوستانی جمالیات نے اس بات پر اصرار کیا ہے کہ انسان اور نیچر کا رشتہ اٹوٹ ہے، ٹوٹنے والا نہیں ہے، انسان اور فطرت، انسان اور وقت اور فضا، انسان اور دیوتا، انسان اور کائنات اور انسان اور انسان۔۔۔ ان کی وحدت موجود ہے۔
جن حضرات نے راجپوت مصوّری کے نمونے دیکھے ہوں گے انھیں آہنگ اور آہنگ کی وحدت اور جمالِ وحدت کا نقش ضرور ملا ہو گا۔ مثلاً ایک خوبصورت سوگوار عورت کی تصویر سامنے آتی ہے، بادل چھائے ہوئے ہیں، یہ بادل اس عورت کے بہت پاس ہیں، یہ بھی اُداس اور سوگوار ہیں، چاند ہے تو وہ بھی اُداس اُداس، عورت کی سائیکی کی علامت اُداسی کا استعارہ، بادلوں او ر چاند کو عورت کے وجود اور اس کی ظاہری اور باطنی کیفیتوں سے علیٰحدہ نہیں کر سکتے۔ عورت اور بادل اور چاند کی وحدت واضح طور پر نظر آتی ہے او ر جمالِ وحدت کا گہرا تاثر ملتا ہے۔ اسی طرح شاعری میں تجربے او ر ماحول اور فضا کے آہنگ کی وحدت سے جمالیاتی انبساط حاصل ہوتا رہتا ہے۔ اکثر ماضی اور یادوں کے آہنگ سے رشتہ قائم ہو جاتا ہے او ر آہنگ اور آہنگ کی وحدت قاری کو ایک پراسرار لذّت آمیز کیفیت عطا کر دیتی ہے۔
غزل کا کینوس چھوٹا تو ہے لیکن گہرا بھی کم نہیں ہے۔ غزل کے کئی تخلیقی فنکاروں نے اس آرٹ میں بڑی گہرائی پیدا کی ہے۔ ’بیانیہ‘ اس کی بھی ایک بنیادی خصوصیت ہے لیکن اس آرٹ کے کینوس کا تقاضہ یہ ہے کہ واقعہ استعاروں او ر اشاروں میں بیان ہو یا استعارے اشارے لیے ہوں کہ ذہن واقعے کے پراسرار دھُندلکوں تک ہی پہنچ کر جمالیاتی انبساط حاصل کر لے، اَن کہی کہانی میں حسّیاتی سطح پر کوئی ’رَس‘ (Rasa) پالے، کچھ چکھ لے او ر لذّت پالے، فراقؔ جب یہ کہتے ہیں :
دیکھ آئے آج یادوں کا نگر
ہر طرف پرچھائیاں پرچھائیاں
یا:
حسن بھی تھا اُداس اُداس شام بھی تھی دھُواں دھُواں
یاد سی آ کے رہ گئیں دل کو کئی کہانیاں
یا:
اُف یہ فضا اُداس اُداس، آہ یہ موج دودِ شام
یاد سی آ کے رہ گئیں، دل کو کئی کہانیاں
تو غزل کے چھوٹے کینوس کی گہرائیوں کا کچھ کچھ اندازہ تو ہوتا ہی ہے بیانیہ کی پُر اسراریت کی سرگوشیوں کا احساس بھی ملتا ہے۔
آہنگ اور آہنگ کی جمالیاتی وحدت سے جمالیاتی انبساط حاصل ہوتا رہتا ہے۔ یادوں کے نگر میں ہر جانب صرف پرچھائیاں ہی پرچھائیاں ہیں۔ پرچھائیوں کے پیچھے واقعات و واردات کی کہانیاں چھپی ہوئی ہیں۔ پرچھائیاں یادیں، حادثات و واقعات چھپائے بیٹھی ہیں۔ یادوں کے نگر کی پرچھائیاں، دھواں دھواں شام، اُداس اُداس فضا، یہ سب عاشق کے وجود سے قریب تر ہیں۔ عاشق کی سائیکی سے ان کا گہرا رشتہ قائم ہے او ر اسی طرح ذات اور فضاؤں کی ایک جمالیاتی وحدت قائم ہو گئی ہے۔ مصوّر اس جمالیاتی وحدت کی خوبصورت تصویر بنا سکتا ہے۔ فراقؔ کی جمالیات میں ایک جانب عاشق اور اس کے ماضی کے لمسی اور جذباتی تجربوں کی جمالیاتی ہم آہنگی کی پراسرار کیفیتیں متاثر کرتی ہیں تو دوسری جانب محبوب اور وقت اور جلال و جمال کی ہم آہنگی بھی اثرانداز ہوتی ہے۔
ہندوستانی جمالیات میں آرٹ زندگی کی نمائندگی نہیں کرتا، یہ زندگی کی سجاوٹ اور آرائش و زیبائش کا نقش بھی نہیں ہے، یہ وجود کا ایک ّحصہ ہے۔ یہ زندگی کی رُوح ہے، زندگی کا جوہر ہے اس کا نقطۂ عروج (culmination) ہے۔ کالیداس کے کلام میں ایک مقام پر سیتا زارزار روتی دِکھائی دیتی ہیں، لکچھمن انھیں والمیکی کی کٹیا میں چھوڑ کر چلے گئے ہیں، وہ تنہا ہیں او ر روتی جا رہی ہیں، ان لمحوں کو کالیداس نے کائناتی دُکھ (cosmic sorrow) میں تبدیل کر دیا ہے۔ سارا جنگل رو رہا ہے، یہ غم پورے وجود کا ایک ّحصہ بن گیا ہے۔ درختوں سے پھول آنسوؤں کی طرح ٹپک رہے ہیں، اس غم میں جیسے ساری کائنات سما گئی ہو۔ ایک عجیب و غریب منظر ہے، ایک عجیب و غریب تجربہ ہے۔ فطرت اور انسان کا پراسرار بامعنی رشتہ زندگی کا تجربہ بن جاتا ہے۔ بیانیہ کی کیفیت ایسی ہے کہ لگتا ہے زماں و مکاں سے آگے نکلتے جا رہے ہیں، انسان اور فطرت یا نیچر کے اس پراسرار رشتے سے جو ’رس‘ (Rasa) پیدا ہوتا ہے یا ٹپکتا ہے وہی آرٹ کا بنیادی جوہر ہے۔ جس طرح راجپوت مصوّری کی دوشیزہ اور بادلوں کی جمالیاتی وحدت متاثر کرتی ہے اسی طرح یہاں مرکزی کردار اور وقت کی جمالیاتی وحدت اثرانداز ہوتی ہے، بہت اچھی شاعری اپنے ’رسوں ‘ سے متاثر کرتی ہے۔
فراقؔ کی جمالیات میں ’وقت‘ عاشق کے تجربوں میں جذب ہے۔ ’شب‘ یا ’رات‘ وقت کا سب سے اہم معنی خیز استعارہ ہے جو عموماً وقت کے المیہ کو احساس اور جذبے سے قریب تر کر دیتا ہے۔ حسّی کیفیتوں او ر ’شب‘ کی ہم آہنگی سے جو جمالیاتی وحدت پیدا ہوتی ہے وہ جمالیاتِ فراقؔ کا جوہر ہے۔ فراقؔ اس بات کو خوب جانتے ہیں، کہتے ہیں :
’’رات کی کیفیتیں او ر رات کی رمزیت جس طرح میرے اشعار میں فضا باندھتی ہے وہ کہیں او ر نہیں ملے گی۔ ‘‘
فراقؔ کے کلام میں شب، شام اور احساس و ادراک (sensation) کی ہم آہنگی اور وحدت سے ایک عمدہ جمالیاتی منظرنامہ (scenario) سامنے آ گیا ہے جس سے حسّی/ حسّیاتی (sensory and sensori) سطح پر جذباتی رومانی قدروں کا مطالعہ جمالیاتی انبساط بخشنے لگتا ہے۔
’رات‘، ’شب‘ اور ’شام‘ کے لمحات کے پیشِ نظر یہ اشعار ملاحظہ فرمائیں :
فراقؔ دیکھ کسی شب گدازِ قلبِ نجوم چھڑا ہوا ہے سکوتِ ابد کا افسانا
میٹھی نیند میں سونے والے چونک پڑے ان نالوں سے
رات کے رونے والوں نے بھی کیسا درد بھرا ہو گا
مد بھری آنکھوں کی السائی نظر پچھلی رات
نیند میں ڈوبی ہوئی چندر کرن کیا کہنا
لہلہاتا ہوا یہ قد، یہ مہکتا جوبن
زلف سو مہکی ہوئی راتوں کا بن کیا کہنا
رات کی رات کبھی میرا گھر تیرا رین بسیرا ہوتا
دیئے رہو یونہی کچھ اور دیر ہاتھ میں ہاتھ
ابھی نہ پاس سے جاؤ بڑی اُداس ہے رات
یہ نکہتوں کی نرم روی یہ ہوا یہ رات
یاد آ رہے ہیں عشق کو ٹوٹے تعلقات
یہ رات کے سنگیت کی لے ہے کہ ہوا ہے وہ زلف شکن زیر شکن کھیل رہی ہے
تاروں کی فضاؤں کو، ہواؤں کو سلا کر
اے رات کوئی آنکھ ابھی جاگ رہی ہے
ہم لوگ ترا ذکر ابھی کر ہی رہے تھے اے کاکلِ شب رنگ تری عمر بڑی ہے
پلکیں بھاری، السائی نظر اُف رے نیند آنے کا عالم
آنکھوں کے کنول میں رات گئے اِک چندر کرن سو جاتی ہے
سکوتِ شام مٹاؤ بہت اندھیرا ہے
سخن کی شمع جلاؤ بہت اندھیرا ہے
ہر اِک چراغ سے ہر تیرگی نہیں مٹتی
چراغِ اشک جلاؤ بہت اندھیرا ہے
جو یہ گونج سی ہے فضاؤں میں جو لپٹ سی ہے یہ ہواؤں میں
مری شامِ غم کی ہے داستاں کہ یہ بوئے گیسوئے یار ہے
اُف کس آتش کدے سے اُٹھتے ہیں شامِ غم یہ دھواں دھواں بادل
حسن بھی تھا اُداس اُداس، شام بھی تھی دھواں دھواں
یاد سی آ کے رہ گئیں دل کو کئی کہانیاں
ان راتوں کے حریم ناز کا اِک عالم ہوئے ندیم
خلوت میں وہ نرم انگلیاں بند قبا جب کھولیں ہیں
اے مری شام انتظار، کون یہ آ گیا لیے
زلفوں میں اِک شبِ دراز، آنکھوں میں کچھ کہانیاں
رات چلی ہے جوگن ہو کر بال سنوارے لٹ چھٹکائے
جیسے فراقؔ گگن پر تارے ، دیپ بجھے ہم بھی سو جائیں
بہت دِنوں میں ّمحبت کو یہ ہوا معلوم
جو تیرے ہجر میں گزری وہ رات رات ہوئی
شبِ فراق اُٹھے دل میں او ر بھی کچھ درد
کہوں یہ کیسے تری یاد رات بھر آئی
داستان عشق کی دہرا گئی تاروں بھری رات
کتنی یادوں کے چراغ آج جلے او ر بجھے
دوست کی یاد میں رونے کے تم اوقات فراقؔ
مجھ سے جو پوچھتے ہو رات گئے رات گئے
اِکاّ دُکاّ صدائے زنجیر زنداں میں رات ہو گئی ہے
دلوں میں داغِ محبت کا اب یہ عالم ہے
کہ جیسے نیند میں ڈوبے ہوں پچھلی رات چراغ
نظموں میں بھی ’شام‘ اور ’شب‘ کا ذکر ملتا ہے مثلاً ’’وہ نرگسِ سیاہ نسیم باز، میکدہ بدوش ہزار مست راتوں کی جوانیاں لیے ہوئے۔ ‘‘ (شامِ عیادت)
سیاہ پیڑ ہیں اب آپ اپنی پرچھائیں
زمیں سے تا مہ و انجم سکوت کے مینار
جدھر نگاہ کریں اِک ا تھاہ گم شدگی
اِک ایک کر کے فرسودہ چراغوں کی پلکیں
جھپک گئیں جو کھلی ہیں جھپکنے والی ہیں
جھلک رہا ہے پڑا چاندنی کے درپن میں
رسیلے کیف بھرے منظروں کا جاگتا خواب
فلک پہ تاروں کو پہلی جماہیاں آئیں
کھڑا ہے اوس میں چپ چاپ ہرسنگار کا پیڑ
دلہن ہو جیسے حیا کی سگندھ سے بوجھل
یہ موجِ نور یہ بھرپور یہ کھلی ہوئی رات
کہ جیسے کھلتا چلا جائے اِک سفید کنول
خنک فضاؤں میں رقصاں ہیں چاند کی کرنیں
کہ آبگینوں پر پڑتی ہے نرم نرم پھوار
یہ موجِ غفلتِ معصوم یہ خمارِ بدن
یہ سانس نیند میں ڈوبی یہ آنکھ مدماتی
اب آؤ میرے کلیجے سے لگ کر سو جاؤ
یہ پلکیں بند کرو اور مجھ میں کھو جاؤ
(آدھی رات)
فضا کا سرمئی رنگ اور ہو چلا گہرا
گھلا گھلا سا فلک ہے دھواں دھواں سی ہے شام
ہے جھٹپٹا کہ کوئی اژدہا ہے مائلِ خواب
سکوتِ شام میں درماندگی کا عالم ہے
رُکی رُکی سی صفیں ملگجی گھٹاؤں کی
اُتار پر ہے سر صحن رقص پیپل کا
وہ کچھ نہیں ہے اب اِک جنبشِ خفی کے سوا
خود اپنی کیفیت نیلگوں میں ہر لحظہ
یہ شام ڈوبتی جاتی ہے چھپتی جاتی ہے
حجابِ وقت سر سے ہے بے حس و حرکت
رُکی رُکی دلِ فطرت کی دھڑکنیں یک لخت
یہ رنگِ شام کہ گردش ہی آسماں میں نہیں
بس ایک وقفۂ تاریک، لمحۂ شہلا
سما میں جنبشِ مبہم سی کچھ ہوئی فوراً
تلی گھٹا کے تلے بھیگے بھیگے پتوّں سے
ہری ہری کئی چنگاریاں سی پھوٹ پڑیں
کہ جیسے کھلتی جھپکتی ہوں بے شمار آنکھیں
عجب یہ آنکھ مچولی تھی نور و ظلمت کی
سہانی نرم لویں دیتے انگنت جگنو
گھنی سیاہ خنک ّپتیوں کے جھرمٹ سے
مثال چادرِ شب آب جگمگانے لگے
کہ تھرتھراتے ہوئے آنسوؤں سے ساغر شام
چھلک چھلک پڑے جیسے بغیر سان گمان
بطونِ شام میں ان زندہ قمقموں کی چمک
کسی کی سوئی ہوئی یاد کو جگاتی تھی
وہ بے پناہ گھٹا وہ بھری بھری برسات
دیکھ کے آنکھیں مری بھر آتی تھیں
(جگنو)
فراقؔ نے شب اور آہنگِ شب سے جو باطنی رشتہ قائم کیا ہے اس سے ان کی شاعری میں بہت دلکش ’میلوڈی‘ پیدا ہوئی ہے، اُردو شاعری میں ہجر اور وصل دونوں کے عمدہ جمالیاتی تصوّرات و تجربات شب اور آہنگِ شب کی دین ہیں۔ ہجر کے اضطراب اس کی کسک اور اس کے المیہ سب میں آہنگِ شب کی لہریں موجود ہیں۔ اسی طرح وصل کے لمحے او ر وصل کے بعد کے لمحے آہنگِ شب کی کیفیتوں کو لیے ہوئے ہیں۔ فراقؔ ہجر اور وصل کے کلاسیکی تصوّرات کے بہت پاس تو ہیں لیکن ان کی حساسیت نے ایک نئی میلوڈی پیدا کر دی ہے، وہ شب اور آہنگِ شب کی قدر و قیمت سے واقف ہیں۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ شب کے لمحوں کا گہرا اثر فنکار کے تاثرات و خیالات پر نظر آتا ہے، آہنگِ شب احساسات و محسوسات میں کئی مقامات پر جذب ہو جاتا ہے۔ دوسری بات یہ کہ حسّی تجربے ہوں یا آہنگِ احساسات، شب کے آہنگ میں جذب ہیں اسی طرح کہ جس طرح آہنگِ شب آہنگِ احساسات میں جذب ہے۔ رات کی اپنی لذّت ہے، اس کا اپنا حسن ہے، اندھیرے کے حسن کے تئیں عشق ہی زیادہ بیدار نظر آتا ہے۔ بعض مذہبی خیالات میں یہ بات ملتی ہے کہ اللہ نے دن کی روشنی سے رات کو جنم دیا ہے۔ پھر یہ سوال بھی ذہن میں اُٹھتا ہے کہ جب روشنی نہیں تھی تو کیا تھا؟ روشنی سے قبل مسلسل اندھیرا تھا؟ بس رات کا تسلسل تھا؟ تاریکی ہی تھی گہری خاموشی لیے۔ کہا جاتا ہے چراغ روشن کیجیے تاریکی گم ہو جاتی ہے، کیا حقیقت یہ نہیں کہ تاریکی کے گم ہو جانے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے، تاریکی تو موجود رہتی ہے، وہ کبھی گم نہیں ہوتی۔ یہ تو روشنی ہے جو آتی ہے، تاریکی کب آتی ہے وہ تو موجود رہتی ہے۔ کہا گیا ہے کہ رات تمام ذی رُوح سے حیاتیاتی آہنگ کو قائم رکھتی ہے، خاموشی کی نعمت لیے رات سنّاٹے کے ساتھ کبھی کبھی سرگوشیوں کے آہنگ سے بھی آشنا کرتی ہے، چاند اور ستاروں سے بھرے آسمان ذہنی اور رُوحانی سکون بھی دیتے ہیں او ر زندگی کے رموز کی گرہیں بھی کھولتے ہیں۔ رُوحانی اضطراب اور داخلی بے چینی کو شعرا نے یادوں، مسرتوں، اذیتوں او ر تکلیفوں کو شب میں جس شدّت سے محسوس کیا ہے اس کا اندازہ دُنیا کے بعض بڑے شاعروں کے کلام سے ہو جاتا ہے۔
فراقؔ جب شب میں ’’گداز قلب نجوم‘‘ کو محسوس کرتے ہیں تو انھیں لگتا ہے سکوتِ ابد کا افسانہ چھڑا ہوا ہے، جب رات کے رونے والوں کی درد بھری آواز سنائی دیتی ہے تو میٹھی نیند سونے والے چونک پڑتے ہیں۔ یہ رات ہی ہے جس میں محبوب کی مد بھری آنکھیں نیند میں ڈوبی ڈوبی سی، چندرکرن میں تبدیل ہو جاتی ہیں، محبوب کے لہلہاتے ہوئے قد، مہکی ہوئی زلف اور لہکتے جوبن سے راتوں کا خوبصورت پراسرار جنگل وجود میں آ جاتا ہے۔ فراقؔ کی شاعری میں عاشق کی یہ آرزو بھی ملتی ہے، کاش میرا گھر کبھی تیرا رین بسیرا ہو جائے۔ عاشق کے وجود کی اُداسی رات کی اُداسی بن جاتی ہے، جی چاہتا ہے محبوب کچھ اور دیر ہاتھ میں ہاتھ دیئے رہے، پاس سے نہ اُٹھے، وجود کی اُداسی اور رات کی اُداسی کو علیحدہ نہیں کر سکتے، پروجکشن کی ایک خوبصورت تصویر سامنے آ جاتی ہے۔ شب میں خوشبوؤں کی نرم روی عشق کو ٹوٹے تعلقات کی یادوں تک لے جاتی ہے، یہ وہی رات ہے جس کے سنگیت کی لے زلف شکن زیر شکن کھیلتی دِکھائی دینے لگتی ہے۔ لگتا ہے جیسے ہوا چل رہی ہو۔ دراصل یہ رات کے سنگیت کی لے ہے، آہنگِ شب کا کرشمہ ہے۔ جب شب میں تمام تارے او ر ہوائیں سو جاتی ہیں تو اس سناٹے میں عاشق کی آنکھ جاگ رہی ہوتی ہے۔ یادوں کا سلسلہ قائم ہو جاتا ہے۔ فراقؔ نے شب اور آہنگِ شب کو وجود کا ّحصہ بنا کر حسنِ شب کا ذکر مختلف انداز سے کیا ہے، جمالِ شب کی کئی جہتیں پیدا ہوتی ہیں۔ ایک جہت یہ ہے :
ان راتوں کے حریمِ ناز کا اِک عالم ہوئے ندیم
خلوت میں وہ نرم اُنگلیاں وہ بند قبا جب کھولیں ہیں
اور دوسری جہت یہ ہے :
جو یہ گونج سی ہے فضاؤں میں جو لپٹ سی ہے یہ ہواؤں میں
مری شامِ غم کی ہے داستاں کہ یہ بُوئے گیسوئے یار ہے
ایک جہت یہ ہے :
بہت دِنوں میں ّمحبت کو یہ ہوا معلوم
جو تیرے ہجر میں گزری وہ رات رات ہوئی
شبِ فراق اُٹھے دل میں او ر بھی کچھ درد
کہوں یہ کیسے تری یاد رات بھر آئی
اور دوسری جہت یہ ہے :
اِکاّ دُکاّ صدائے زنجیر
زنداں میں رات ہو گئی ہے
’رات‘ وجود کا حصہ ہے، جمالِ شب کی تابناکی ’یادوں ‘ میں سحر انگیز کیفیت پیدا کرتی ہے، جنسی اضطراب اور جنسی تجربے، جذباتی سوز و ساز، احساسات کی عمدہ صورت گری، ہجر کا درد، وصل کا تجربہ سب ’شب‘ اور آہنگِ شب سے وابستہ ہیں۔ لہجے کا بانکپن لیے ہجر اور وصل دونوں کے تجربے رات کی سیاہی میں عجیب چمک دمک پیدا کرتے ہیں۔ وصل کے بعد جمال کی دوشیزگی میں نکھار شب ہی کا کرشمہ ہے۔ اسی طرح ’’سو سو ہاتھوں سے تھامنے ‘‘ کا تجربہ شب کے سحر انگیز لمحوں کی دین ہے۔ شب اور آہنگِ شب کے شعری تجربوں میں ارضیت اور لذّتیت کے شہد کی مٹھاس ملتی رہتی ہے۔
اپنی اس بات کی وضاحت کر دینا چاہتا ہوں کہ فراقؔ کی جمالیات میں جب حسّی کیفیتیں آہنگ شام و شب پر اثرانداز ہوتی ہیں تو وہ اس آہنگ کو اس طرح جذب کر لیتی ہیں کہ آہنگ شام و شب فنکار کے وجود کا ّحصہ بن جاتا ہے۔ وجود پر اُداسی ہے تو شام و شب بھی اُداس ہیں، وجود میں سرمستی ہے تو شام و شب کا آہنگ بھی مست مست ہے۔ یہ اشعار توجہ چاہتے ہیں :
یہ سانس لیتی ہوئی کائنات، یہ شبِ ماہ
یہ پر سکوں یہ پراسرار یہ اُداس سماں
یہ نرم نرم ہواؤں کے نیلگوں جھونکے
فضا کی اوٹ میں مردوں کی گنگناہٹ ہے
یہ رات موت کی بے رنگ مسکراہٹ ہے
دھواں دھواں سے مناظر تمام نم دیدہ
خنک دھندلکے کی آنکھیں بھی نیم خوابیدہ
ستارے ہیں کہ جہاں پر ہے آنسوؤں کا کفن
حیات پردۂ شب میں بدلتی ہے پہلو
کچھ اور جاگ اُٹھا، آدھی رات کا جادو
(آدھی رات)
ممتاز مصوّر Vincent Van Gogh نے کہا تھا: ’’میں اکثر سوچتا ہوں کہ رات دن سے زیادہ زندہ اور مختلف گہرے رنگوں کو لیے ہوتی ہے۔ ‘‘ اس کی تصویروں میں اکثر محسوس ہوتا ہے جیسے رات ابدی حسن کے اسرار لیے سرگوشی کر رہی ہے۔ شب کی عطا کی ہوئی تاریکی جتنی گہری اور پراسرار ہوتی ہے اُتنی دن کی روشنی نہیں ہوتی۔ دن کی روشنی میں تہہ داری کہاں جو رات کی تاریکی میں ہے۔ شب کے اسرار اور اس کی تاریکی سے جو جمالیاتی لذّت اور انبساط حاصل ہوتا ہے وہ رُوح میں جان پرور کیفیت پیدا کر دیتا ہے۔ فراقؔ کہتے ہیں :
بہت دِنوں میں محبت کو یہ ہوا معلوم
جو تیرے ہجر میں گزری وہ رات رات ہوئی
پھر رات گئے بزمِ انجم روداد تری دُہرانے لگی
اِک عالم شبِ تاب ہے بل کھائے لٹوں میں
راتوں کا کوئی بن ہے کہ ہے کاکلِ پیچاں
جو یہ گونج سی ہے فضاؤں میں جو لپٹ سی ہے یہ ہواؤں میں
مری شامِ غم کی ہے داستاں کہ یہ بوئے گیسوئے یار ہے
صحبتِ شب کی داستاں اسی میں سمٹ کے آ گئی
پچھلے پہر کو بزم میں شمع کی تھرتھری تو دیکھ!
غالبؔ کا ایک معنی خیز شعر ہے :
در ہجومِ ظلمت از بس خویش را گم می کند
قطرہ در دریاست گوئی سایہ در شب ہائی من
(غالبؔ)
یعنی میری راتیں اتنی گہری ہو گئی ہیں کہ سائے کی حالت وہی ہو گئی ہے جو قطرے کی سمندر میں ہوتی ہے، سایہ راتوں کی گہری تاریکی میں گم ہو جاتا ہے، جذب ہو جاتا ہے، دِکھائی نہیں دیتا، یعنی گہری تاریک راتیں خود پھیل کر سایہ بن گئی ہیں۔ سایہ تاریکی کے وجود کا ّحصہ بن جاتا ہے، غالبؔ کی جمالیات میں بھی راتیں وجود کا ّحصہ ہیں، حد درجہ پھیلی ہوئی گہری، سایہ کی تلاش ممکن نہیں ہے۔ غالبؔ کا یہ شعر ملاحظہ فرمائیے :
روزم از تیرگی آن وسوسہ ریزد بنظر
کہ شبِ تار بہ ہنگام فرد برون شمع
(غالبؔ)
منظر یہ ہے کہ دن بھی تاریک ہو گیا ہے۔ تاریکی اتنی گہری ہے کہ محسوس ہوتا ہے جیسے سیاہ رات اور پھیلے گی اور گہری ہو جائے گی اور شمع ہی کو نگل جائے گی، شمع ہی بجھ جائے گی اور تاریکی کا وجود اور پھیل جائے گا۔
وقت نے دن کو بھی تاریک کر دیا ہے، دن بھی تاریک، شب بھی تاریک، ایک ہی آہنگ ہے وقت کا، چراغ کہاں کہ شام کو تلاش کروں :
گشتہ در تاریکی روزم نہاں
کو چراغی تا بجویم شام را
(غالبؔ)
حالیؔ نے اس شعر کو اس طرح سمجھایا ہے کہ میرا دن اس قدر تاریک تھا کہ شام کی تاریکی اور اس کی تاریکی دونوں مل گئیں او ر یہ نہ معلوم ہوا کہ شام کب ہوئی اور دن کب چھپا۔
میں نے ’’امیر خسرو کی جمالیات‘‘ میں امیر خسروؔ کو ’’بدن کی بھاشا‘‘ کا شاعر بھی کہا ہے۔ اُن کا یہ شعر یاد کیجیے، یہ بھی شب کا تجربہ ہے :
بیاد بند قبا باز کن ومے بہ نشیں
کہ عشق بر دل من چوں قبائے تو تنگ است
آؤ، بند قبا کھول کے دم بھر کو بیٹھ جاؤ، جیسے تمھارے بدن پر قبا تنگ ہے اُسی طرح میرے دل پر عشق چست ہے۔ ایک طرف جسم قبا سے باہر نکلنا چاہتا ہے او ر دوسری طرف عشق کا جوش سینے سے باہر آنا چاہتا ہے۔ محبوب کا جسم اور عاشق کے ہیجانات دونوں مل کر اس تجربے کو انتہائی دل فریب اور پرکشش بنا دیتے ہیں۔
غالبؔ کا یہ خوبصورت لذّت آمیز شعر بھی توجہ چاہتا ہے :
بخوابم می رسد بند قبا وا کردہ از مستی
ندانم شوقِ من بروی چہ افسون خواندہ است امشب!
محبوب مستی میں بند قبا کھولے مجھے خواب میں نظر آیا، معلوم نہیں میرے شوقِ وصل نے آج شب اس پر کیا جادو کر دیا ہے۔
فراقؔ کا یہ شعر یاد کیجیے :
ان راتوں کے حریمِ ناز کا اِک عالم ہوئے ندیم
خلوت میں وہ نرم اُنگلیاں بند قبا جب کھولیں ہیں
فارسی اور اُردو شاعری میں آہنگِ شام و شب کے لیے جانے کتنے جمالیاتی تجربے مختلف رسوں کے ساتھ موجود ہیں، کہیں گہرے غم اور اضطراب کی کیفیت ہے، کہیں شادمانی اور مسرّت کی، کہیں یادوں کی لطیف سرسراہٹیں ہیں، کہیں وصل کی آرزو۔ اپنے آہنگ کی مختلف کیفیتوں کو لیے تاریکی اور گہرے اندھیرے میں چمکتے تاروں کے قمقمے سجے ہوئے ہیں۔ یہ اشعار ملاحظہ فرمائیے :
غمِ فراق کی تنہائیوں کی آہٹ پر
کشاں کشاں چلے آؤ بہت اندھیرا ہے
(فراقؔ)
ہر اِک چراغ سے ہر تیرگی نہیں مٹتی
چراغِ اشک جلاؤ بہت اندھیرا ہے
(فراقؔ)
پسِ گناہ جو ٹھہرے تھے چشمِ آدم میں
اُن آنسوؤں کو بہاؤ بہت اندھیرا ہے
(فراقؔ)
اُف کس آتش کدے سے اُٹھتے ہیں
شامِ غم یہ دھُواں دھُواں بادل
(فراقؔ)
فراقؔ کی جمالیات دو ’آرچ ٹائپس‘ (archetypes) کے تحرک کا احساس بار بار ملتا ہے ’رات اور‘ عورت‘!
دونوں فراقؔ کی ’سائیکی‘ (Psyche) میں اُترے ہوئے ہیں او ر اُن کی جمالیات میں مختلف رنگوں او ر جہتوں کے ساتھ نمایاں ہوتے رہتے ہیں،ان کی وجہ سے شاعر کا وجود رقص کرتا ہوا ملتا ہے۔ ہندوستانی جمالیات میں فنکار کے وجود کے رقص کو ایسا ’نرتن‘ (Nirtan) کہا گیا ہے جس سے حسن کا اظہار ہوتا رہتا ہے۔ کہا جاتا ہے دُنیا کی تخلیق موسیقی سے ہوئی ہے او ر ساتھ ہی ساتھ جلال و جمال کا اظہار یا حسن کا ظہور (manifestation of beauty) ہوتا رہا ہے۔ جب رُوح رقص کرنے لگتی ہے تو زندگی کا ہر لمحہ ایک معجزہ بن جاتا ہے، باطن کی گہرائی اور بلندی کو کوئی چھو نہیں سکتا، باطن کی شعاعوں سے ان کا رابطہ قائم ہو جاتا ہے۔ نغماتی اظہار شدّت سے متاثر کرنے لگتا ہے۔ فراقؔ کے دونوں ’آرچ ٹائپس‘ جو Rhythm of Blissعطا کرتے ہیں اُردو شاعری میں منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔ حسن کے ظہور یا manifestation of beauty کی حیرت انگیز حسّی صورت غالبؔ کے کلام میں اس طرح اُبھرتی ہے کہ عکسِ جمالِ دوست سے شراب میں عجیب چمک دمک پیدا ہو جاتی ہے۔ محسوس ہوتا ہے جیسے پیالے میں آفتاب کے تمام جلال و جمال اور تمام رسوں کو نچوڑ دیا گیا ہے :
نازم فروغ بادہ ز عکسِ جمالِ دوست
گوئی فشرددہ اند بجام آفتاب را
(غالبؔ)
اور فراقؔ کے کلام میں حسن کے ظہور کی حیرت انگیز اور پراسرار حسّی صورت اس طرح سامنے آتی ہے :
ذرا وصال کے بعد آئینہ تو دیکھ اے دوست
ترے جمال کی دوشیزگی نکھر آئی!
(فراقؔ)
دونوں اشعار میں الوہی آہنگ (Divine Rhythm) لیے رنگوں کی سمفنی (symphony) کی پہچان ہوتی ہے۔ آفتاب رنگ و آہنگ کی ایک تہہ دار معنی خیز علامت ہے او ر وصل کے بعد محبوب کا جسم الوہی شعاعوں کا مرکز بن جاتا ہے۔ انسانی حسن اور الوہی شعاعوں کی عجیب و غریب آمیزش ہے جس سے جمالیاتی انبساط حاصل ہوتا ہے۔ فراقؔ کی جمالیات کی سطح بھی بلند ہو جاتی ہے۔
فراقؔ کی جمالیات میں عورت، اس کا جسم، اس کا پورا وجود جمالِ کائنات کا نقش ہے۔ ’رسوں ‘ سے بھرا ہوا، انتہائی لذّت آمیز، عورت الوہی حسن (Divine Beauty) میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ اس عمل میں ’سیکس‘ کی لہروں (waves) کی شدّت موجود رہتی ہے۔
ہندوستانی جمالیات میں، جمالیات کے لیے ’سوندریا‘ (saundarya) کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے جو گہری اور معنی خیز ہے۔ سندریا لہری سے مراد الوہی حسن کی لہریں او ر موجیں ہیں۔ ’سوندریا‘ کی جانے کتنی جہتیں او ر پہلو ہیں، انسان کی فطرت میں ستیم (Satyam)، ’شیوم‘ (Shivam) اور ’سندرم‘ (Sundaram) کی صفات ہیں، سچائی، سکون و استقلال، معصومیت اور حسن! اچھی اور بڑی تخلیق میں یہ صفات موجود رہتی ہیں، ’سندرم‘ کی لہریں اُٹھتی ہیں تو ’ستیم‘ اور ’شیوم‘ دونوں کا احساس بخشتے ہوئے، جمالیاتی انبساط عطا کرنے لگتی ہیں۔ ہندوستانی جمالیات میں اسے ’سواندرآنند‘ (Saundar+nanda) کہا گیا ہے۔ تینوں صفات ہی کے تحرک سے وہ ’وژن‘ پیدا ہوتا ہے کہ جس سے بڑی تخلیق وجود میں آتی ہے۔ یہ احساسِ حسن ہی ہے جس سے خارج اور باطن کے آہنگ کی خوبصورت آمیزش ہوتی ہے او ر حسن کی نئی تخلیق ہوتی ہے۔ نئی میلوڈی پیدا ہوتی ہے، اس کی گہرائی (depth) کا اندازہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔ مادّی اور الوہی حسن کی ہم آہنگی قاری کو گہرائیوں میں لے جاتی ہے جہاں محسوسات کی دُنیا ہی ملتی ہے۔ ’عورت‘ جو ’سوندریا‘ کی سب سے گہری اور تہہ دار علامت ہے احساسات کی دُنیا میں مختلف صورتوں او ر پیکروں میں اُبھرتی رہتی ہے۔ فراقؔ احساسات کی دُنیا کے سب سے بڑے فنکار غزل گو ہیں،احساسات کی موجوں سے ’سائیکی‘ کی گہرائیوں سے نکلے ہوئے کئی پیکروں کی تصویریں سامنے آتی ہیں۔ مختلف احساس کی پیکر تراشی کے ساتھ اسلوب کے وقار اور لذّت سے ’سوندرآنند‘(Saundar + ananda) یا جمالیاتی انبساط حاصل ہوتا رہتا ہے۔ ’سوندریا لہری‘ کی چند مثالیں ملاحظہ فرمائیے، حسن کی ایک لہر کے بعد دوسری لہر دیکھئے کس طرح اُٹھتی ہے، ایک موجِ رنگ کے بعد دوسری موجِ رنگ کس طرح اُٹھتی ہے :
خرام، جیسے گگن کھیلتی ہوئی موجیں قیام، حسن کا ٹھہرا ہوا کوئی دریا
حریمِ ناز میں اِک بے صدا ترنم ہے نگاہِ ناز یہ تیرا سکوت نغمہ سرا
رس میں ڈوبا ہوا لہراتا بدن کیا کہنا
کروٹیں لیتی ہوئی صبحِ چمن کیا کہنا
مد بھری آنکھوں کی السائی نظر پچھلی رات
نیند میں ڈوبی ہوئی چندر کرن کیا کہنا
رُوپ سنگیت نے دھارا ہے بدن کا یہ رچاؤ
تجھ پہ لہلوٹ ہے بے ساختہ پن کیا کہنا
لہلہاتا ہوا یہ قد، یہ لہکتا جوبن
زلف سو مہکی ہوئی راتوں کا بن کیا کہنا
تری آواز سویرا، تری باتیں تڑکا
آنکھیں کھل جاتی ہیں اعجازِ سخن کیا کہنا
نیلگوں شبنمی کپڑوں میں بدن کی یہ جوت
جیسے چھنتی ہو ستاروں کی کرن کیا کہنا
پیامِ حسن، پیامِ جنوں، پیامِ فنا
تری نگہ نے فسانے سنائے ہیں کیا کیا
دہنِ یار یاد آتا ہے غنچہ اِک مسکرائے جاتا ہے
پیکرِ ناز کی دمک، جیسے کوئی دھیمے سُروں میں گاتا ہے
یہ نرم نرم ہوا جھلملا رہے ہیں چراغ
ترے خیال کی خوشبو سے بس رہے ہیں دماغ
دلوں کو تیرے تبسم کی یاد یوں آئی
کہ جھلملا اُٹھیں جس طرح مندروں میں چراغ
وہ چھپ کے تاروں کی آنکھوں سے پاؤں دھرتا ہے
اسی کے نقشِ کفِ پا سے جل اُٹھے ہیں چراغ
اُس الاپ کا یہ شعلہ جسے سازِ زیست کھینچے
تجھے کیا بتاؤں کیا ہے تری قامت کشیدہ
یہ رنگ و بوئے بدن سے کہ جیسے رہ رہ کر
قبائے ناز سے کچھ شعلہ سا لپک جائے
ایسے اشعار اور مختلف رسوں کو لیے ایسے جانے کتنے ’سراپا‘ شاعر کے تحت الشعور کی جھلکیاں دِکھاتے ہوئے ’آنندسمادھی‘ (ananda-Samadhi) کے تجربے سے آشنا کرنے لگتے ہیں، یعنی ایسے تجربوں سے کہ جن میں مراقبے کا جوہر موجود ہوتا ہے۔
’کام دیو‘ کے تیر میں پانچ خوشنما پھول ہوتے ہیں جو حواسِ خمسہ میں چبھ جاتے ہیں۔ بڑی اور پر عظمت عشقیہ شاعری میں پانچوں حواس میں چبھے ہوئے صرف پھول ہی دِکھائی نہیں دیتے بلکہ ان کی خوشبوؤں سے بھی وجود اور پوری فضا معطر ہو جاتی ہے۔ اسی طرح اچھی پر عظمت عشقیہ شاعری قاری کے باطن میں حسن کی ایک لہر سی پیدا کر دیتی ہے،ایک موج سی اُٹھتی ہے اسی کو ’سندریالہری‘ سے تعبیر کیا گیا ہے۔ بڑی اور پر عظمت شاعری میں یہ لہر، یہ موج غیر معمولی ہوتی ہے۔
گہرے احساسِ حسن سے جو لہر یا موج اُٹھتی ہے اس سے کبھی جھرجھری سی پیدا ہوتی ہے او ر کبھی ہیجان انگیز کیفیت، جذبات کی تیز لہر سے کبھی ایسی پھریری پیدا ہوتی ہے کہ رگیں متاثر ہونے لگتی ہیں، حسن کے گہرے احساس سے ایک ’تھرِل‘(thrill) کبھی کبھی گرفت میں لے لیتی ہے او ر پھر وجد کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ عشقیہ شاعری چاہے تو سوئے ہوئے شعور اور تحت الشعور کو جگا دے۔ چاہے تو حد درجہ خوشی بخشے او ر وجد آفریں کیفیت طاری کر دے او ر چاہے تو گہرے مراقبے کے سحر میں گرفتار کر لے۔ اچھی، عمدہ اور پر عظمت عشقیہ شاعری رُوحانی پرواز کا احساس بخشتی ہے، وجود کو رقص کرنے پر مجبور کر دیتی ہے۔۔۔ بنیادی مقصد جمالیاتی انبساط بخشنا ہوتا ہے۔ عشقیہ شاعری کے تعلق سے ایک بڑی بات یہ ہے کہ تخلیقی فنکار خود اپنی الوہی سطح کے پاس پاس آ جاتا ہے او ر حسن کی لہروں میں جذب ہو جاتا ہے۔
’یونیورسٹی آف لیڈ‘ کے ایک معروف سائنسداں Beverley Glover نے یہ انکشاف کیا ہے کہ پھولوں کے باطنی حسن کو صرف شہد کی ّمکھیاں ہی دیکھ سکتی ہیں۔ گلو ور نے پھول پودوں پر جو کام کیا ہے وہ معلوماتی ہے۔ ان کی تحقیق یہ ہے کہ پھول اندر ہی اندر پراسرار طور پر رنگ بدلتے رہتے ہیں کہ جنھیں ہم دیکھ نہیں سکتے، اُنھیں شہد کی ّمکھیاں او ر بھونرے دیکھ لیتے ہیں۔ رَس چوسنے کے لیے اندر داخل ہو جاتے ہیں، پھولوں کی پتیوں پر سورج کی روشنی پڑتی ہے تو اندر باہر کئی رنگوں کی شعاعیں اُبھرتی ہیں جن سے پھولوں کے اندر رنگوں کی تبدیلی کی پہچان شہد کی ّمکھیوں او ر بھونروں کو ہو جاتی ہے او ر وہ مستی میں اپنے آہنگ کے ساتھ اندر اُترنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے نغموں کا آہنگ پھولوں کے باطن میں اُترنے لگتا ہے۔ بڑے تخلیقی فنکار کا ’وژن‘ بھی اسی طرح حسن کی گہرائیوں میں اُترتا ہے۔ جمالیاتی تجربے اسی ’وژن‘ کے کرشمے ہوتے ہیں جو باطن کا آہنگ لیے ہوئے ہیں، روحانی آہنگ کا احساس دیتے رہتے ہیں۔۔۔ پہلے وہ نگاہ اِک کرن تھی اب یک جہاں ہو گئی ہے ! کا معاملہ ہو جاتا ہے۔
یہ جمالیاتی ’وژن‘ ہی کا کرشمہ ہے :
عالم عالم جمال تیرا دُنیا دُنیا ترا بدن ہے
کیا کیا آتا ہے میرے جی میں کیسا کیسا ترا بدن ہے
صحرا صحرا مری محبت دریا دریا ترا بدن ہے
جیسے پردے میں راگنی ہو یوں زیرِ قبا ترا بدن ہے
میں نیند میں ہوں کہ جاگتا ہوں اِک خواب ہے یا ترا بدن ہے
ہر عضو ہے اعترافِ صنعت تعریف و ثنا ترا بدن ہے
جس کی فطرت کو تھی تمنّا وہ نشو و نما ترا بدن ہے
نکلی تھی جو رحمتوں کے دل سے پیارے وہ دُعا ترا بدن ہے
اُمڈا ہوا سیلِ رنگ و نکہت کیا موج نما ترا بدن ہے
گونجے ہوئے ناشنیدہ نغمے اِک سازِ حیا ترا بدن ہے
چھائی کیفیتوں کی مانند گھنگھور گھٹا ترا بدن ہے
جیسے کوندا لپکنے کے قبل ٹھہرا ٹھہرا ترا بدن ہے
جیسے یوں خواب گیت بن جائے شاعر کی نوا ترا بدن ہے
تو اور یہ خاکدانِ دُنیا ّجنت کی خطا ترا بدن ہے
عالم کا جمال قدِ آدم آئینہ نما ترا بدن ہے
مانند نسیم صبح گاہی سیدھا ٹیڑھا ترا بدن ہے
گم سم ہے فراقؔ محوِ دیدار حیرت کی سدا ترا بدن ہے
’عورت‘ کے بدن میں جیسے ساری کائنات کے جلوے سمٹ آئے ہوں، عورت کا وجود ایک کائنات ہے۔ ’بدن‘ نیچر کی سب سے خوبصورت علامت ہے، عجیب پراسرار کشش ہے اس میں، اسے کسی طرح سمجھانے کے لیے دُنیا کی جانے کتنی علامتوں او ر جانے کتنے استعاروں کا سہارا لینا پڑا ہے اس لیے کہ:
عالم کا جمال قدِ آدم
آئینہ نما ترا بدن ہے
جنسی عمل اور عورت کے تعلق سے اُردو کے کسی شاعر نے کوئی بڑا تجربہ پیش نہیں کیا ہے۔ اُن کے لیے ممکن بھی نہ تھا، اس پراسرار جمالیاتی تجربے کو پیش کرنا کب آسان تھا۔ فراقؔ میں یہ صلاحیت تھی۔ انھوں نے زیادہ نہیں کہا لیکن جتنا بھی کہا بہت ہے :
ہے لوچ بلور میں کہ پیکر کا رچاؤ
میخانے کو نیند آئے وہ آنکھوں کا جھکاؤ
جس طرح کمانیوں میں پڑ جائے جان
دیکھے کوئی پنڈلی کا گداز اور تناؤ
پنڈلی میں لہکتا ہوا جیسے کوندا
ٹخنے ہیں کہ پرتوے عطارد ہے کھڑا
ہے پاؤں کہ ٹھہری ہوئی بجلی میں ہے لوچ
تلوے ہیں کہ سیماب میں سورج کی ضیا
رنگت تری کچھ اور نکل آتی ہے
یہ آن تو حوروں کو بھی شرماتی ہے
کٹتے ہی شبِ وصال ہر صبح کچھ اور
دوشیزگیِ جمال بڑھ جاتی ہے
چہرہ دیکھے تو رات غم کی کٹ جائے
سینہ دیکھے تو اُمنڈا ساگر ہٹ جائے
سانچے میں ڈھلا ہوا یہ شانہ یہ بغل
جیسے گلِ تازہ کھلتے کھلے پھٹ جائے
کھنچنا ہے عبث بغل میں بانہوں کو تولے
کھو جانے کا ہے وقت تکلف نہ رہے
ہنگامِ وصال، کر سنبھلنے کی نہ فکر
سو سو ہاتھوں سے میں سنبھالے ہوں تجھے
’’آنکھوں کے جھکاؤ میں ہے خلوت کی اُمنگ،
سینے کے تناؤ میں پکھاوج کی ترنگ،
لہراتے ہوئے بدن پہ پڑتی ہے جب نگاہ
رس کے ساگر میں ڈوب جاتی ہے نگاہ،
وہ ہونٹ کہ چوسنے کو ساگر ترسے
ہونٹوں میں وہ رس کہ جس پہ بھونرا منڈلائے
وہ روپ کہ موہنی، وہ چہرے کا نکھار
وہ کولھے بھرے بھرے، وہ سینے کا اُبھار۔ ‘‘
’’ہنگامِ وصال پینگ لیتا ہوا جسم،
سانسوں کی شمیم اور چہرہ گلنار،
رقصاں شعلہ ہے لچکی لچکی سی کمر،
کندل پر کنول ہے یا دمکتا پیڑو،
کچھ سوچ کے خلوت میں بعد ناز اس نے
، نرم انگلیوں سے بند قبا کے کھولے۔۔۔
فراقؔ کی جمالیات میں جانے کتنے رس ایک جگہ جمع ہو گئے ہیں، ہر رَس کی اپنی لذّت، اپنی مٹھاس ہے۔ فراقؔ کی لمسیاتی کیفیتوں کی یہ شاعری ’سواندرانند‘(Saundara Ananda) بخشتے ہوئے بڑی بلندیوں پر چلی جاتی ہے او ر بہت گہرائی میں اُتر جاتی ہے۔ جس طرح شہد کی ّمکھیاں او ر بھنورے پھولوں کے اندر، بہت اندر باطنی حسن کا نظارہ کر لیتے ہیں۔ شاعر بھی کم و بیش اسی طرح خارج سے باطن کے اندر رسوں میں اترنے کی کوشش کرتا ہے :
کیا کیا آتا ہے میرے جی میں کیسا کیسا ترا بدن ہے
جیسے پردے میں راگنی ہو یوں زیر قبا ترا بدن ہے
ہر عفو ہے اعترافِ صنعت تعریف و ثنا ترا بدن ہے
اُمڈا ہوا سیلِ رنگ و نکہت کیا موج نما ترا بدن ہے
کلام میں وجد آفریں لہجے میں جو حسّیاتی سوز و ساز ہے، نرمی اور مانوسیت اور معنویت، حیرت و استعجاب اور وجدانی محویت اپنی مثال آپ ہے۔ فراقؔ نے اس سچائی کی جانب خود اشارہ کیا ہے کہ جس سے اُن کے ’وژن‘ کی حسّی اور جمالیاتی کیفیتوں کا اندازہ ہوتا ہے۔
وہ لکھتے ہیں :
’’جنسی کشش اور جنسی رجحانات میں جب تک جذباتی پائندگی، جذباتی سوز و ساز، نرمی، مانوسیت اور معصومیت، حیرت و استعجاب، سپردگی، وجدانی محویت اور ایک احساسِ طہارت کے عناصر گھل مل نہیں جائیں گے اس وقت تک تخیل میں وہ حلاوت اور وہ عنصری طہارت پیدا نہ ہو گی جو بلند پایہ عشقیہ شاعری کو جنم دیتی ہے۔ ‘‘
(اُردو کی عشقیہ شاعری کی پرکھ۔۔ فراق)
ہندوستانی جمالیات کے مطابق تخلیقی تخئیل اور تخلیقی ذہن کے تحرّک میں خارجی اور مادّی حسّی تجربے (anna) اور ذہنی کیفیات (masomaya) کی وجہ سے چراغاں کی سی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے۔ معروف بدھ مفکر اور معلّمِ جمالیات اشوگھوش (Asvaghosa) نے کہا ہے کہ خارجی (Adhibhautika) اور داخلی (نفسیاتی) ([Adhyatmika) تجربوں کی آمیزش سے تخلیقی فنکار کا ذہن روشن ہوتا ہے۔ دراصل اشارہ ’وژن‘ کی جانب ہے۔ اسی روشنی کی وجہ سے جو ادب پیدا ہوتا ہے وہ سرور بخشتا ہے۔ فراقؔ کا ’وژن‘ جو خارجی اور مادّی حسّی تجربوں او ر ذہنی اور نفسیاتی کیفیتوں کی آمیزش اور جمالیاتی وحدت کا نتیجہ ہے بڑی گہرائیوں میں اُتر جاتا ہے، عورت کائناتی حسن کا پیکر بن جاتی ہے، اس کا بدن جو رس میں ڈوبا لہراتا بدن ہے ’سیکس‘ کی تازگی اور لذّت کا اس قدر احساس بخشتا ہے کہ حیرت ہوتی ہے۔ کیسا کیسا ترا بدن ہے :
کیا کیا آتا ہے میرے جی میں
کیسا کیسا ترا بدن ہے
اور:
ہر عفو ہے اعترافِ صنعت
تعریف و ثنا ترا بدن ہے
فراقؔ نے فطرت کے جلال و جمال کو عورت کے بدن میں جذب کر دیا ہے او ر یہ بھی کہا ہے :
رَس میں ڈوبا ہوا لہراتا بدن کیا کہنا
کروٹیں لیتی ہوئی صبحِ چمن، کیا کہنا
باغِ ّجنت پہ گھٹا جیسے برس کر کھل جائے
سوندھی سوندھی تری خوشبوئے بدن کیا کہنا
رُوپ سنگیت نے دھارا ہے بدن کا یہ رچاؤ
تجھ پہ لہلوٹ ہے بے ساختہ پن کیا کہنا
قبا میں جسم ہے یا شعلہ زیر پردۂ ساز
بدن سے لپٹے ہوئے پیرہن کی آنچ نہ پوچھ
تمام بادِ بہاری، تمام خندۂ گل شمیمِ زلف کی ٹھنڈک، بدن کی آنچ نہ پوچھ
دم بہ دم شبنم و شعلہ کی یہ لویں سر سے پا تک بدن گلستاں گلستاں
ہندوستانی جمالیات میں ’مہاسکھ‘ (Mahasukha) کی اصطلاح سے جمالیاتی انبساط کو سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ اصطلاح بہت قدیم ہے، انسان کے مختلف جنموں سے آسودگی پانے کے تصوّر سے اس کا رشتہ رہا ہے۔ بدھ مفکر اور معلّمِ جمالیات اشوگھوش (Asvaghosa) نے فنّی تخلیق سے جمالیاتی انبساط پانے کی جانب اشارے کرتے ہوئے اس اصطلاح ’مہاسکھ‘ کا استعمال کیا ہے۔ اُس کا خیال ہے کہ اچھی تخلیق سے اسی نوعیت کا انبساط (Pleasure) حاصل ہوتا ہے جس نوعیت کا انبساط ’یوگ اور سیکس‘ کی ہم آہنگی کے تجربے (Sexo-Yogic experience) سے ہوتا ہے۔ اشوگھوش نے ’سیکسویوگک‘ مسرّت یا انبساط کو بڑی بلندیوں پر دیکھا ہے، اس کے نزدیک اچھا اور بڑا ادب وہی ہے جو ان بلندیوں تک جائے او ر Sexo-Yogic Pleasure بخشے۔ بلاشبہ فراقؔ صاحب عورت کے جسم اور اس کے وجود کی خوشبوؤں کو لیے بلندیوں کی جانب بڑھتے نظر آتے ہیں، ’مہاسکھ‘ عطا کرنے کی تخلیقی خواہش بھی معمولی حیثیت نہیں رکھتی، ان کا ایک بڑا کارنامہ یہ ہے کہ وہ عام جنسی مسرّت کو جذبات کی بلندیوں او ر گہرائیوں تک لے جاتے ہیں، عورت کا بدن سامنے ہوتا ہے، آنکھیں سامنے ہوتی ہیں، ہونٹ سامنے ہوتے ہیں، حسن کے تمام نقش سامنے ہوتے ہیں او ر شاعر کا ’وژن‘ اندر گہرائیوں میں اُتر کر جمالِ وجود کا احساس دیتا رہتا ہے۔ عورت کے بدن کو مستیوں کی جان اور ایک خمارستان کہتے ہوئے اسے سرمدی فن کا کوئی شاہکار تصوّر کرتے ہیں، فرماتے ہیں :
خود خبر اس کو نہیں کیا چیز ہوں
کس قدر انجان ہے تیرا بدن
راز اندر راز ہے یہ زندگی اس کی اِک پہچان ہے تیرا بدن
قبا میں جسم ہے یا شعلہ زیر پردۂ ساز
بدن سے لپٹے ہوئے پیرہن کی آنچ نہ پوچھ
یہ سر سے تا بہ قدم محویت کا عالم ہے
کہ گہری سوچ میں ڈوبا ہوا ہے جیسے بدن
گہوارۂ صد بہار، ہر موجِ نفس
یہ رنگِ نشاط تیرے ہاتھوں کا ہے حبس
نظریں ہیں کہ رہ رہ کے نہا اُٹھتی ہیں
ہر عضو بدن سے وہ چھلکتا ہوا رس
عرصہ ہوا کہیں پڑھا تھا کہ تبتی زبان میں ایک اصطلاح ہے ’یب۔ یم‘ (Yab-Yam) جس کے معنی یہ ہیں کہ مرد عورت کے بدن ہی سے اپنی ّسچی زندگی شروع کرتا ہے،اس کی رُوحانی زندگی کی ابتدا بھی عورت کے جسم کے ذریعہ ہوتی ہے۔ رُوحانی سفر ہی میں اُسے محسوس ہوتا ہے کہ عورت ایک مختلف وجود ہے کہ جس میں مٹّی کی ّسچی خوشبو، پراسرار حرارت اور ہوا کی طرح پھیلنے کی صلاحیت اور مرد کو آکاش یا مکاں تک کھینچ لے جانے کی طاقت ہے۔ فراقؔ کہتے ہیں :
موتی کی کان، رَس کا ساگر ہے بدن
درپن آکاش کا سراسر ہے بدن
انگڑائی میں راج ہنس تولے ہوئے پر
یا دُودھ بھرا مان سرو ور ہے بدن
یہ رُوپ کے گرد سات رنگوں کی پھوار
جیسے مدھم سروں میں خود گائے ملہار
پڑتا ہے فضا میں عکسِ جسمِ رنگیں
یا قوس قزح کے جھلملاتے ہیں شرار
’بدن‘ کے حسن کا اظہار آنکھوں سے بھی ہوتا ہے،عورت کی آنکھیں حسن کی خوبصورت ترین علامتیں ہیں، یہ اشعار سنیے :
وصل کی بے خوابیوں کے ہیں نشاں آج کچھ گلنار ہیں آنکھیں تری
داستاں در داستاں ہے ہر نگاہ اِک حکایت زار ہیں آنکھیں تری
جو کریں آئینہ اسرارِ جمال شیشۂ کردار ہیں آنکھیں تری
ڈوبئے تو ڈوبتے ہی جائیے
اُن سیہ آنکھوں کی اُف گہرائیاں
’’ناشنیدہ نغمہ ہے ہر اِک نگاہ‘‘ کہتے ہوئے فراقؔ فرماتے ہیں :
بھول ہوئی زندگی کی دُنیا ہے کہ آنکھ
دوشیزہ بہار کا فسانا ہے کہ آنکھ
ٹھنڈک، خوشبو، چمک، لطافت، نرمی
گلزارِ ارم کا پہلا تڑکا ہے کہ آنکھ
تاروں کو بھی لوریاں سناتی ہوئی آنکھ
جادو شبِ تار کا جگاتی ہوئی آنکھ
جب تازگی سانس لے رہی ہے دمِ صبح
دوشیزہ کنول سی مسکراتی ہوئی آنکھ!
چنچل آنکھوں میں گنگناتی ہوئی شام
گردش میں نظر کی تھرتھراتی ہوئی شام
وہ پھوٹی جھٹپٹے کے تارے کی کرن
پلکوں کی اوٹ کنمناتی ہوئی شام
چلمن میں مژہ کی گنگناتی آنکھیں
چوتھی کی دلہن سی کچھ لجاتی آنکھیں
جوبن رس کی سدھا لٹاتی ہر آن
پلکوں کی اوٹ مسکراتی آنکھیں
چھلکاتی ہیں پریم کی گلابی آنکھیں
صد میکدہ در بغل شرابی آنکھیں
ہر شام چراغ شبنمستانِ جمال
ہر صبح چمن چمن گلابی آنکھیں
راتوں کی جوانیاں نشیلی آنکھیں
خنجر کی روائیاں کٹیلی آنکھیں
سنگیت کی سرحدوں پہ کھلنے والے
پھولوں کی کہانیاں رسیلی آنکھیں
بدن کے حسن کا اظہار زلفوں سے بھی ہوتا ہے :
اُمڈی بدمست کالی زلفوں کی گھٹا
اہلِ دل کا جنوں صحرا صحرا
لہکا ہوا سینہ لڑکھڑاتی ہوئی چال
اُٹھتی ہوئی موجِ حسن دریا دریا
چڑھتی جمنا کا تیز ریلا ہے کہ زلف
بل کھاتا ہوا سیاہ کوندا ہے کہ زلف
گوکل کی اندھیری رات دیتی ہوئی لو
گھنشیام کی بانسری کا لہرا ہے کہ زلف
جمنا کی تہوں میں دیپ مالا ہے کہ زلف
جوبن شبِ قدر نے نکالا ہے کہ زلف
تاریک اور تابناک شامِ ہستی
زندانِ حیات کا اُجالا ہے کہ زلف
’’پگھلے ہوئے آفتاب سینے میں بند ہیں ‘‘۔۔۔ ’’ہونٹ ایسے کہ جنھیں چوسنے کو ساگر ترستا ہے ‘‘۔۔۔ ’’ہونٹوں میں وہ رَس کہ جس پر بھونرا منڈلائے ‘‘۔۔۔ ’’ایسے کولھے بھرے بھرے، سینے کا اُبھار کہ نظر جم کر رہ جائے ‘‘۔۔۔ ’’ہنگامِ وصال پینگ لیتا ہوا جسم‘‘۔۔۔ ’’زلفِ سیہ کی خواب آور خوشبو‘‘۔۔۔ ’’دمکتا پیڑو‘‘۔۔۔ ’’وہ ناف کہ کوثر میں بھنور پڑ پڑ جائے ‘‘۔۔۔ اور۔۔۔ ’’ران کہ خورشید کو آئینہ دِکھائے ‘‘۔۔۔۔۔۔ عورت کا ایسا جمال کہ اُردو شاعری میں کبھی دیکھنا نہ سنا۔ یہ رُباعی خاص توجہ چاہتی ہے :
کچھ ہجر و وصال کا معمہ نہ کھلا
جل میں کب بھیگتے کنول کو دیکھا؟
بیتی ہوں گی سہاگ راتیں کتنی
لیکن ہے آج تک کنوارا ناتا!
عورت کے ایسے سچے مسلسل بار بار چکھے تجربے کی کوئی اور مثال اُردو شاعری میں نہیں ملتی:
آنکھوں کے جھکاؤ میں ہے خلوت کی اُمنگ
سینے کے تناؤ میں پکھاوج کی ترنگ
ہشیار و مست آنکھیں ہیں جوبن چت چور
مستی میں شرابور خود آگاہ بدن
آ جاتا ہے گات میں سلوناپن اور
چنچل پن، بال پن، اُتیلا پن اور
کٹتے ہی سہاگ رات دیکھیں جوالے
بڑھ جاتا ہے رُوپ کا کنوارا پن اور
فراقؔ کی جمالیات عورت کے حسن و جمال، اس کی لذّتیت اور جلال و جمال کی وسعت، بلندی اور گہرائی کو لمسی کیفیتوں او ر سچائیوں کے رنگ و نور کے ساتھ جس طرح سامنے لے آئی ہے اس کی مثال اُردو شاعری میں موجود نہیں ہے۔ بدن کو پا کر فنکار کا ’وژن‘ کہاں کہاں پہنچا ہے اس کا اندازہ کرنا آسان نہیں ہے۔ حسن کو مجسم دیکھیں یا تقسیم کر کے مختلف ّحصوں کی آنچ کا اندازہ کریں، فراقؔ حسن و جمال کے سچے ّ شاعر بن جاتے ہیں۔ بلاشبہ ’’سوندریاآنند‘‘ عطا کرتے ہوئے شاعر نے ستیم، شیوم اور سندرم کے اپنے عرفان کا بہت حد تک احساس بخش دیا ہے۔۔۔ خیالات و تاثرات اور لفظوں کی ہم آہنگی غضب کی ہے۔ محسوس ہوتا ہے وہ حسن جو اندر سے اُبھرا ہے وہ دوسرے خارجی جمالیاتی تجربوں سے مختلف ہے۔ یہ تو حسن کے ساتھ زندگی کا ایک دوسرا ہی کھیل بن گیا ہے۔ اس کھیل میں تو تھکن کا احساس ہی نہیں ہے، اندازہ ہوتا رہتا ہے کہ حسن کا احساس کتنا حقیقی اور کتنا گہرا ہے۔ فراقؔ نے اپنے احساسِ حسن کو پیش کرنے کے لیے ایک آزاد فضا کی تخلیق کی ہے، یہ آزادی بہت کم شعرا کے نصیب میں آئی ہے۔ حسن اپنے اظہار کے لیے جن حسیاتی کیفیتوں او ر جس رُوحانی آزادی کا تقاضہ کرتا ہے وہ فراق کی بہتر تخلیقی صلاحیتوں نے عطا کر دیا ہے۔ ہندوستانی جمالیات کے پیشِ نظر یہ کہا جا سکتا ہے کہ فراقؔ کے کلام میں اکثر ’’آنندسمادھی‘‘ کے تجربے ملتے ہیں، یہ تجربے دراصل ذہن کی گہری جہت سے تعلق رکھتے ہیں او ر رُوحانی جمالیاتی انبساط عطا کرتے رہتے ہیں۔ یہ اشعار سنیے :
باغِ جست پہ گھٹا جیسے برس کر کھل جائے
سوندھی سوندھی تری خوشبوئے بدن کیا کہنا
رُوپ سنگیت نے دھارا ہے بدن کا یہ رچاؤ
تجھ پہ لہلوٹ ہے بے ساختہ پن کیا کہنا
قبا میں جسم ہے یا شعلہ زیر پردۂ ساز
بدن سے لپٹے ہوئے پیرہن کی آنچ نہ پوچھ
جب تخلیقی فنکار گہرے دھیان میں ڈوب کر جمالیاتی انبساط پاتا ہے او ر اس کی بے پناہ مسرّت ہم تک پہنچتی ہے تو محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ذہن کی بہت گہری جہت (deepest dimension) تک پہنچ چکا ہے، ہندوستانی جمالیات میں اسے ’’آنندسمادھی‘‘ (Anand-Samadhi) کہتے ہیں۔ فراقؔ جب عورت کے حسن و جمال کی گہرائیوں میں اُترتے ہیں او ر اس کے خوبصورت عمل کے آہنگ کو سنگیت کی مختلف لہروں کے قریب تر کر دیتے ہیں تو عورت راگ راگنیوں کے مختلف پیکروں میں ڈھلنے لگتی ہے۔ عورت کا کوئی پیکر راگ سے علیٰحدہ نہیں ہوتا بلکہ اس میں جذب ہوتا ہے۔ شاعر کا ’وژن‘ رَس میں ڈوبے لہراتے بدن کو دیکھتے ہوئے یہ جمالیاتی نقش اُبھارتا ہے :
رُوپ سنگیت نے دھارا ہے بدن کا یہ رچاؤ
تجھ پہ لہلوٹ ہے بے ساختہ پن کیا کہنا
کبھی یہ حسی تصویر سامنے آتی ہے :
یہ رات کے سنگیت کی لے ہے کہ ہوا ہے وہ زلف شکن زیر شکن کھیل رہی ہے
شاعر کہتا ہے :
پیکرِ ناز کی دمک جیسے کوئی دھیمے سروں میں گاتا ہے
زیر و بم سینہ میں وہ موسیقی بے صوت
پنکھڑی ہونٹوں کی ہے گلزار بداماں
سنگیت اور عورت کی ہم آہنگی کے تعلق سے ’رُوپ‘ کی رُباعیوں میں فراقؔ کی شیریں دیوانگی نے جو شدّت اختیار کی ہے اُس سے جہاں تخلیقی ذہن کی گہری جہت کی پہچان ہوتی ہے وہاں ’’آنندسمادھی‘‘ میں جمالیاتی ’وژن‘ کی قدر و قیمت کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔ محبوب پر نظر پڑتے ہی شدّت سے محسوس ہوتا ہے جیسے سنگیت کی سرحدوں کو چھو لیا ہے :
ہر جلوہ سے اِک درسِ نمو لیتا ہوں
چھلکے ہوئے صد جام و سبو لیتا ہوں
اے جانِ بہار تجھ پہ پڑتی ہے جب آنکھ
سنگیت کی سرحدوں کو چھو لیتا ہوں
میں نے اپنی کتاب ’’راگ راگنیوں کی تصویریں ‘‘ (جولائی ۱۹۹۵ء، پبلی کیشنز ڈویژن، حکومتِ ہند)میں لکھا تھا:
’’ہندوستانی موسیقی کی نغماتی رُوح دُنیا کی موسیقی کی تاریخ میں ایک نمایاں حیثیت رکھتی ہے، اس ملک کی موسیقی ہو یا گیت، سحر انگیزی اس کی فطرت کا کرشمہ ہے۔ لوک سنگیت اور قبائلی گیت اور موسیقی سے کلاسیکی سنگیت، بولی اور آہنگ تک نغموں کی ایک دلکش اور پرکشش دُنیا آباد ہے،ہندوستانی موسیقی نے جب راگ راگنیوں تک سفر کیا تو لگا نغماتی محاورے خلق ہو گئے ہیں۔ ‘‘
آگے تحریر کیا تھا:
’’ہندوستانی موسیقی رسوں، کا سرچشمہ ہے کہ جس سے حواسِ خمسہ بیدار ہوتے ہیں او ر خود وجود میں رسوں کی لذّت ملنے لگتی ہے۔ ‘‘
’راگ‘ کے معنی ہیں ’محبت کرنا!‘ تمام ہندوستانی راگ اس طرح مرتب ہیں کہ انھیں الاپتے ہوئے شدّت سے محسوس ہوتا ہے جیسے محبت کا دائرہ پھیلتا جا رہا ہے او ر کائنات کی رُوح وجود کا ّحصہ بنتی جا رہی ہے۔ فراقؔ کی شاعری میں نغموں او ر راگوں کا ذکر نفسی آہنگ (Psychic rhythm) کو احساس و شعور سے ہم آہنگ کر دیتا ہے۔ عورت کے تعلق سے خوابناک کیفیت طاری ہو جاتی ہے :
نکھرا ہوا رنگ، کیا سہانا ہے سمئے
لرزاں ہے بدن کی گنگناتی ہوئی نے
ہر عضو کی نرم لو میں مدھم جھنکار
پو پھٹتے ہی بھیرویں * کی آنے لگی لے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
* راگ بھیرو کے گانے کا وقت صبح سے طلوعِ آفتاب تک ہے۔ اکتوبر نومبر میں جب سرد ہوا چلتی ہے تو اس راگ کا لطف اور بڑھ جاتا ہے۔ بھیروی راگنی کا تصور اس طرح ملتا ہے : ’’سونے کی مانند چمکتی ہوئی عورت، خوبصورت زیورات پہنے، سفید لباس، رقص کرتی ہوئی۔ (ش.ر.’راگ راگنیوں کی تصویریں، ص۳۲)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مہتاب میں سرخ انار جیسے چھوئے
یا قوسِ قزح لچک کے جیسے ٹوٹے
وہ قد ہے کہ بھیرویں سنائے جب صبح
گلزارِ شفق سے نرم کونپل پھوٹے
یہ رُوپ کے گرد سات رنگوں کی پھوار
جیسے مدّھم سروں میں خود گائے ملہار٭
پڑتا ہے فضا میں عکسِ جسم رنگیں
یا قوسِ قزح کے جھلملاتے ہیں شرار
نغمے کی الاپ ہے کہ قامت کا تناؤ
کہتا ہے ہر عضو پینگ شعلوں کی چڑھاؤ
آ آ کے راگنی کھڑی ہوتی ہے
دیکھے کوئی سجل بدن کا یہ رچاؤ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭ ملہار، میگھ ملہار۔۔۔ اس کا رشتہ مور سے قائم کیا گیا ہے۔ سیاہ جسم، تیز چمکنے والی بجلی، لباس موروں کو سرور و انبساط عطا کرنے والا، اچھی تقدیر کی خبر دینے والا، محبت کا دیوتا، نیلے آسمان سے اُترتا ہوا، بادلوں کی گرج لیے ہوئے، نازک خوبصورت جسم، مست، سرور و انبساط لیے ہوئے اپنے عمل پر نازاں۔ (ش.ر.’راگ راگنیوں کی تصویریں، ص۵۷)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آنکھوں میں کنمنا رہی ہے بجلی
وہ دھج کہ ہو جیسے راگنی آ کے کھڑی
وہ رُوپ کہ جیتا جاگتا جیون سوپن
وہ رنگ اوشا کے جیسے اَدھرونیہ ہنسی
اُن انکھڑیوں میں سرور، ہلکا ہلکا
مکھڑے میں بہاگ راگ دہکا دہکا
جیسے دیوی کھڑی ہو جھرمٹ مارے
ماتھے کا چندر لوک دمکا دمکا
منہ اُٹھائے ہرن کے بچے ّ کومل لوچن
پو پھٹنے کی جھنکار لیے مدھر بچن
کمیت ہے اساوری** کہ الکوں کی لٹیں
دیپک*** کا نرم راگ سکمار بدن
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ** اساوری راگ: راگ سری کی ایک راگنی ہے۔ اس کا رشتہ ایک قدیم قبیلے ’سوارس‘ سے بتایا جاتا ہے۔ سفید ساڑی میں ملبوس، سانولا چہرہ، جسم پر سفید صندل کے سفوف، پرکشش جسم، انگ انگ جاذبِ نظر، سانپوں سے لپٹے ہوئے۔
*** دیپک راگ: دیپک راگنی دیسی، انتہائی خوبصورت عورت، سبز سباس، عشق سے سرشار،آسودگی کی چاہت لیے ہوئے، عاشق کے بہت پاس آ جاتی ہے۔ جوانی کا رس ہے جو ٹپکتا محسوس ہوتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انگ انگ کی لوج میں وہ شانِ تسخیر
جھم جھم بجتی ہوئی کمر کی زنجیر
ہنگامِ وصل پینگ لیتا ہوا جسم
بے لاگ ہنڈول راگ٭ کی ہے تصویر
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
٭ ہنڈول راگ: اس راگ کا تعلق کوئل کی آواز سے ہے۔ عاشق جھولے پر بیٹھا ہوا ہے، راگنیاں جھولا جھلاتی ہیں، پیار سے اسے تکتی ہیں، خوبصورت جو ٹھہرا۔ (ش.ر. راگ راگنیوں کی تصویریں )
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کہا جاتا ہے ہندوستانی راگوں کا تصوّر پانچ سو سال پرانا ہے، سنگیت کے قدیم علماء اور فنکاروں نے راگوں کو ’’نروس سسٹم‘‘ کی مختلف سطحوں کے پیشِ نظر مرتب کیا ہے جو سنگیت کی دُنیا میں حیرت انگیز کارنامہ ہے۔ حضرت امیر خسروؔ نے جو تبدیلیاں کیں اُن سے اس تنظیم میں بنیادی طور پر کوئی فرق نہیں آیا۔ خوبصورت تبدیلیوں او ر ترتیبوں کے باوجود راگوں کا ’نروس سسٹم‘ کی مختلف سطحوں سے رشتہ قائم رہا۔ خسروؔ نے تو اس رشتے میں او ر استحکام پیدا کر دیا۔ سنگیت، نغمہ، میلوڈی، آہنگ سب کا رشتہ انسان کے تخلیقی تخیل سے ہے۔ آہنگ، میلوڈی اور سنگیت کے بغیر فنونِ لطیفہ کا تصوّر ہی پیدا نہیں ہو سکتا۔ رقص ہو یا فنِ مصوّری،فنِ تعمیر ہو یا فنِ مجسمہ سازی سب میں سنگیت اور میلوڈی موجود ہے۔ فراقؔ بھی ہندوستانی سنگیت کے بڑے علماء اور سنگیت کاروں کے اس کارنامے کی قدر و قیمت جانتے تھے۔ راگ راگنیوں سے اُن کی واقفیت کس حد تک تھی اس کا اندازہ نہیں ہوتا۔ یہ ضرور ہے کہ وہ جانتے تھے کہ راگ راگنیاں ہندوستانی تہذیب اور ہندوستانی آرٹ اور کلچر اور انسان کے جمالیاتی فکر و نظر میں کتنی اہمیت رکھتی ہیں۔۔۔ اور وہ یہ بھی جانتے تھے کہ سنگیت کی لہروں سے حسن کی قدر و قیمت کا کتنا شدید احساس ہوتا ہے۔ اپنی نظم ’’ہنڈولا‘‘ میں یہ بھی کہا ہے کہ ہندوستان کی سنگیت کا رشتہ ملک کے قدیم تصوّرات، اساطیر اور روحانی فکر و نظر سے قائم ہے۔ مندرجہ ذیل اشعار ملاحظہ فرمائیے :
اس ارضِ پاک سے اُٹھیں بہت سی تہذیبیں
یہیں طلوع ہوئیں او ر یہیں غروب ہوئیں
اسی زمین سے اُبھرے کئی علوم و فنون
فرازِ کوہِ ہمالہ یہ رودِ گنگ و جمن
اور ان کی گود میں پروردہ کار والوں نے
یہیں رموزِ خرامِ سکوں نما سیکھے
نسیمِ صبح تمدّن نے بھیرویں چھیڑی
یہیں وطن کے ترانوں کی وہ پویں پھوٹیں
وہ بے قرار و سکوں زا ترنمِ سحری
وہ کپکپاتے ہوئے سوز و ساز کے شعلے
انھیں فضاؤں سے انگڑائیاں جو لے کے اُٹھے
لبوں سے جن کے چراغاں ہوئی تھی بزمِ حیات
جنھوں نے ہند کی تہذیب کو زمانہ ہوا
بہت سے زاویوں سے آئینہ دِکھایا تھا
(ہنڈولا)
’’رقصِ شب تاب‘‘ سے یہ اشعار سنیے۔ سنگیت اور آہنگِ جمالِ کائنات ایک دوسرے میں جذب ہیں :
تھاپ پر تھاپ پڑی، سازِ طرب پر ساقی
تا بہ تہہ گنبدِ افلاک گمک جاتی ہے
چنگ سے اُٹھتی ہے جھنکار برابر ساقی
تیرگی رات کی رہ رہ کے کھنک جاتی ہے
آتی ہیں مدبھرے سنگیت کی لپٹیں ساقی
آگ آکاش کے سینے میں وہ دہکاتی ہوئی
انگلیاں ساز کے پردوں پہ رواں ہیں ساقی
اس جواں رات کے دل کی کسک اُکساتی ہوئی
پھول جھڑتے ہیں سرِ فرش برابر ساقی
ساز کی آنچ پہ رخشندہ شراروں کا گماں
گرمیِ رقص ہے دہکے ہوئے پیکر ساقی
وہ پسینے کی جھلک دیتی ہوئی کاہکشاں
رقص شبِ تاب سے ہر عضو درخشاں ساقی
برقِ سیّال چمکتی ہوئی شریانوں میں
جیسے یکبارگی ہو جائے چراغاں ساقی
جسم رنگیں کے لہکتے شبستانوں میں
رقص میں پیکرِ رنگیں کا لچکتا ساقی
انگ کے لوچ میں کل راگنیاں جھومتی ہیں
یہ مدھر بول یہ کوندوں کا لہکتا ساقی
لالہ گوں ہونٹوں کو نغموں کی لویں چومتی ہیں
جلوہ گر رُوپ میں ہے نور کا تڑکا ساقی
کنول اُن نازنیں ہاتھوں کے لٹاتے ہوئے جس
جیسے دو چاندوں سے امرت کی ہو برکھا ساقی
رقصِ شب تاب وہ چھلکاتا ہوا جوبن رَس
رس میں ڈوبی ہوئی آواز کی سرگم ساقی
سات رنگوں کی سجل قوس یہ بانہوں کی دھنک
یہ کھنکتی ہوئی پائل کی چھما چھم ساقی
رُخِ گلرنگ پہ سنگیت کی یہ نرم دمک
شعلے جب رات کے سنگیت کو لو دیتے ہیں
جگمگا اُٹھی ہے پیشانیِ دوراں ساقی
نغمے جب زیرِ فلک کانپ کے دَم لیتے ہیں
جھلملا اُٹھتا ہے تاروں کا چراغاں ساقی
جام اُچھلتے ہی چھلک جاتی ہیں سرشار فضائیں
شعلے آواز کے سانچوں میں یہاں ڈھلتے ہیں
آنکھیں جھپکاتی ہیں رہ رہ کے غم آلودہ ہوائیں
انگلیوں کے وہ اشارے کہ کنول جلتے ہیں
یہ شب افروز نواؤں کی چمک اے ساقی
زندگی اپنی جوانی پہ خود اِتراتی ہوئی
رقص کے شعلوں میں چہروں کی دمک اے ساقی
جیسے آئینہ در آئینہ بہار آتی ہوئی
موہنی رُوپ کے سنگیت کا جادو ساقی
آئینہ زیر و بم رقص کا ہر عضو بدن
دلِ بیتاب بدلتے ہوئے پہلو ساقی
دیکھیں اب پڑتی ہے کس پر نگہ صاعقہ زن
گت میں اندازِ جہاں گزراں ہے ساقی
سر کے پردوں سے کوئی دردِ نہاں اُٹھتا ہے
بزم میں عود کی موجوں کا سماں ہے ساقی
صاف لہرے سے سرنگی کے دھُواں اُٹھتا ہے
رین سنگیت کے اب بھیگ چلے ہیں شعلے
سرنگوں ساز، گلے نور کے خم ہیں ساقی
تیرگی اُنگلیاں چٹخاتی ہے گیسو کھولے
برقِ آواز کی پلکیں بھی تو نم ہیں ساقی
رات لیتی ہے جماہی پہ جماہی ساقی
ہر نظر جاگے ہوئے تاروں کی السائی ہوئی
چور کتنی ہے تری نیم نگاہی ساقی
حد میں ڈوبے ہوئے سنگیت کو نیند آئی ہوئی
’’تھاپ پر تھاپ‘‘۔۔۔ ’’سازِ طرب‘‘۔۔ ’’چنگ سے اُٹھتی جھنکار‘‘۔۔ ’’کھنک‘‘۔۔۔ ’’مدبھرے سنگیت کی لپٹیں ‘‘۔۔۔ ’’ساز کے پردے ‘‘۔۔۔ ’’ساز کی آنچ‘‘۔۔۔ ’’جھومتی راگنیاں ‘‘۔۔۔ ’’مدھر بولی‘‘۔۔۔ ’’نغموں کی لویں ‘‘۔۔۔ ’’رَس میں ڈوبی ہوئی آواز کی سرگم‘‘۔۔۔ ’’کھنکتی ہوئی پائل کی چھما چھم‘‘۔۔۔ ’’سنگیت کی نرم دمک‘‘۔۔۔ ’’سنگیت کی لو، نغمے ‘‘۔۔۔ ’’شعلے آواز کے سانچوں میں ڈھلتے ہیں ‘‘۔۔۔ ’’موہنی رُوپ کے سنگیت کا جادو‘‘۔۔۔ ’’گت میں اندازِ جہاں گزراں ‘‘۔۔۔ ’’سر کے پردے ‘‘۔۔۔ ’’صاف لہرے سے سرنگی کا دھواں ‘‘۔۔۔ ’’برق آواز‘‘۔۔۔ فراقؔ نے نظم میں ایک دلکش دلنواز کرشماتی فضا خلق کر دی ہے۔ آہنگ، نغمہ سنگیت کے جو جمالیاتی حسّی پیکر تراشے گئے ہیں وہ ذہن کی گہری جمالیاتی جہت سے بہت حد تک آشنا کر دیتے ہیں۔ سنگیت کی لہروں سے حسن کی قدر و قیمت کا بخوبی اندازہ ہوتا رہتا ہے۔ دیکھئے فراقؔ سنگیت کی سرحدوں کو چھوتے ہوئے کتنی گہرائیوں میں اُتر جاتے ہیں :
قامت ہے کہ انگڑائیاں لیتی سرگم
ہو رقص میں جیسے رنگ و بو کا عالم
جگمگ جگمگ ہے شبستانِ ارم
یا قوسِ قزح لچک رہی ہے پیہم!
نکھرا ہوا رنگ، کیا سہانا ہے سمئے
لرزاں ہے بدن کی گنگناتی ہوئی نے
ہر عضو کی نرم لو میں مدّھم جھنکار
پو پھٹتے ہی بھیرویں کی آنے لگی لے
یہ نقرئی آواز ! یہ مترنم خواب
تاروں پر پڑ رہی ہو جیسے مضراب
لہجے میں یہ کھنک یہ رَس یہ جھنکار
چاندی کی گھنٹیوں کا بجنا تہِ آب
آواز پہ سنگیت کا ہوتا ہے بھرم
کروٹ لیتی ہے نرم لے میں سرگم
یہ بول سریلے تھرتھراتی ہے فضا
اَن دیکھے ساز کا کھنکنا پیہم
جس طرح اساروی کے دل کی دھڑکن
جیسے پچھلے پہر کا مہکا ہوا بن
جیسے کھلتے کنول کے سینے کی اُمنگ
چھلکا پڑتا ہے مد میں ڈوبا جوبن
فراقؔ کی جمالیات میں سنگیت سے حسن کی پرتیں کھلتی جاتی ہیں، ایک پہلو کے بعد دوسرا خوبصورت پہلو اُبھرتا رہتا ہے۔ ’عورت‘ کے آرچ ٹائپ کو اتنی شدّت سے محسوس بنا دینا آسان نہ تھا۔ سنگیت کے آہنگ اور زیر و بم اور اُتار چڑھاؤ نے پیکرِ حسن کی مختلف جہتوں کو نمایاں کرنے کی کوشش کی ہے۔ فراقؔ کے کلام میں موسیقی اور اس کی لہریں فنکار کے داخلی وژن کے لیے بہت بڑا سہارا بن جاتی ہیں، ایسی مثال اردو بوطیقا میں او ر کہیں نہیں ملتی۔
میں نے اپنی کتاب ’’ہندوستانی جمالیات‘‘ جلد اوّل میں لکھا تھا کہ ’رَس‘ (Rasa) کو اس طرح سمجھنا بہتر ہے کہ یہ جلال و جمال کے عرفان کا جوہر ہے۔ جمالیاتی تجربوں کی فنی ترسیل کی خوشبو ہے او ر جمالیاتی انبساط یا ’’آنند‘‘ کا جادو ہے۔ اس کی بنیاد ذہنی اور جذباتی کیفیتیں ہیں جو سچائیوں او ر حقیقتوں سے طلسمی پراسرار رشتہ قائم کرتی ہیں۔
’رس‘ کی معنویت فن اور اُس کی جہتوں کے ساتھ پھیلتی ہے، تہہ دار اور گہری بنتی رہتی ہے۔ شرنگار رَس کی بابت کہا جاتا ہے کہ اس کی بنیاد سیکس ہے، یہ ذہنی اور جذباتی کیفیت جہاں رومانی اور جنسی موضوعات کی جانب اُکساتی ہے وہاں موضوعات کے تعلق سے اسی نوعیت کی فضا آفرینی میں بھی مددگار ہوتی ہے۔
عورت، محبت اور سیکس کے جمالیاتی تجربے سے یہ ’رس‘ پیدا ہوتا ہے۔ پچھلے صفحات پر ’عورت‘ کے ’آرچ ٹائپ‘ کی گفتگو کی روشنی میں یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ اس عہد میں فراقؔ ’شرنگار رَس‘ (Sringara Rasa) کے سب سے بڑے شاعر ہیں۔ ان کی شاعری شرنگار کے مفہوم میں وسعت اور گہرائی پیدا کرتی ہے۔ حسن کی جن جہتوں پر شاعر کی نظر گئی ہے اس کی مثال اُردو شاعری میں نہیں ملتی۔ تغزّل کا حسن کئی جہتوں میں نمایاں ہوتا ہے :
وہ نوبہار ناز اُٹھا فضائے صبح جاگ اُٹھی
وہ تازگی، وہ حسن، وہ نکھار، وہ صباحتیں
حسن کی صباحت کو کیا بتائیے جیسے چاندنی مناظر پر پچھلی رات ڈھلتی ہے
باغِ ّجنت پہ گھٹا جیسے برس کے کھل جائے
سوندھی سوندھی تری خوشبوئے بدن کیا کہنا
جگمگاہٹ یہ جبیں کی ہے کہ پو پھٹتی ہے
مسکراہٹ ہے تری صبحِ چمن کیا کہنا
زلف شب گوں کی چمک پیکرِ سیمیں کی دمک
دیپ مالا ہے سر گنگ و جمن کیا کہنا
لٹک وہ گیسو کی جیسے پیچ و تاب کمند
لچک بھوؤں کی وہ جیسے کماں جھکائی ہوئی
سحر کا جیسے تبسم دمک وہ ماتھے کی کرن سہاگ کی بیندی کی لہلہائی ہوئی
وہ سیج سانس کی خوشبو کو جس پہ نیند آئے
وہ قد گلاب کی اِک شاخ لہلائی ہوئی
سڈول پن ہے غضب ساعد بلوریں میں
کہ ڈھل کے سانچے میں شعلے کو جیسے آئے قرار
وہ چہرہ صبحِ بنارس یہ شام زلفِ اَودھ کمند پیکرِ نازک فضائے خلد شکار
بدن میں سر سے قدم تک چٹکتی ہیں کلیاں
زہے تبسم ہر عضو رشک صبحِ بہار
دلوں کو تیرے تبسم کی یاد یوں آئی
کہ جگمگا اُٹھیں جس طرح مندروں میں چراغ
جو چھپ کے تاروں کی آنکھوں سے پاؤں دھرتا ہے
اسی کے نقشِ کفِ پا سے جل اُٹھے ہیں چراغ
فراقؔ نے عشقیہ شاعری کی روایات سے روشن اور چمکتے تجربوں سے رشتہ قائم کیا اور ان میں وسعت اور گہرائی پیدا کی۔ کئی کلاسیکی تجربے جو کلیوں کی مانند ہی رہ گئے تھے چٹک گئے او ر ان کی بھینی بھینی خوشبو ایسی پھیلی کہ کلاسیکی تجربوں کی یاد بھی جاتی رہی، وہ میرؔ اور مومنؔ سے متاثر ہوئے۔ مصحفیؔ اور امیرؔ مینائی سے روشنی لی لیکن یہ اثرات اُس وقت جاتے رہے جب انھوں نے شرنگار رس کے تجربوں میں نئی چمک دمک پیدا کی، عشق کے تصوّر میں وسعت اور گہرائی پیدا کی۔ فراقؔ کے تغزّل میں جو سوز و گداز ہے اُس میں عجیب کشش ہے کہ قاری آہستہ آہستہ خود کو گم ہوتا محسوس کرتا ہے۔ اُسے ایسی مضطرب شخصیت ملتی ہے کہ جس کی مثال ماضی میں موجود نہیں۔ اتنے حسّاس مزاج اور ایسی رُومانی جمالیاتی فکر اور کئی رسوں کی لذتوں کو لیے ہوئے ایسا حسن شناس شاعر ملا کب تھا۔ شرنگار رَس لیے ایسے لطیف اور رنگین حسّی جمالیاتی تجربوں کو یاد کیجیے :
حمّام میں عریانیِ تن کا عالم
پیکر کا دھندلکے میں جھلکنا کم کم
اِک ہلکی تھرتھری سی سر سے پا تک
شبنم سے دھُلی شفق بھی کھاتی ہے قسم
مدھ۔ ماس میں جیسے جاگ اُٹھتا ہے چمن
جس طرح پھٹا پڑے پھبکتا ہوا بن
ہشیار و مست آنکھیں ہیں جوبن چت چور
مستی میں شرابور خود آگاہ بدن
آنکھیں کہ کھلے کنول میں جلتے ہیں دیے
رخسار کہ نرم بھیرویں کے شعلے
ظلمات کی منجدھار خم گیسو میں
ہونٹوں کے گوشوارے کوندے کے سرے
شاعر کی وجدانی کیفیت اور گہرے ’وژن‘ کی وجہ سے ایسے روشن لذّت آمیز تجربے خلق ہوئے ہیں۔ ان اشعار کو ایک بار پھر پڑھئے تو اندازہ ہو گا عورت کے حسن کی کیفیتیں کیا ہیں، تشبیہیں ذہن کو حسن کی مختلف جہتوں کی گہرائیوں میں لے جاتی ہیں۔ فراقؔ کے لذّت آمیز اشعار کو پڑھتے ہوئے گلو ور (Beverley Glover) کی اس تحقیق کی یاد آتی ہے کہ پھولوں کے باطنی حسن کو صرف شہد کی ّمکھیاں ہی دیکھ سکتی ہیں، گہرے وژن کا شاعر اپنی وجدانی کیفیت کے ساتھ عورت کے جمال کی گہرائیوں میں اُتر جاتا ہے۔ اسی طرح کہ جس طرح شہد کی ّمکھیاں او ر بھونرے پھولوں کے رسوں کے لیے پھولوں کے پوشیدہ پراسرار حسن تک پہنچ جاتے ہیں۔ ’رُوپ‘ کی رباعیوں میں حسن کی تخلیق کا ایک سلسلہ قائم ہے، جمالیاتی نفسیات کی پہچان وہاں ہوتی ہے جہاں صرف ظاہری حسن ہی نہیں باطنی حسن کی نغمہ ریز کیفیتوں کا شدید احساس متاثر کرتا ہے :
یہ تیرا شعلۂ آواز ہے کہ دیپک راگ
قریب و دور چراغ آج ہو گئے روشن
فراقؔ کی جمالیات میں شرنگار رس کی مٹھاس اپنی مثال آپ ہے۔ فراقؔ نے کہا تھا سچے ّ وجدان کا سانس لینا ہی شاعری ہے۔ شاعر کے گہرے ذوقِ جمال سے شرنگار رَس کی لذّت اتنی بڑھی ہے کہ ’سیکس‘ (Sex) میں بھی پاکیزگی کا احساس ملنے لگتا ہے۔ فراقؔ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا:
’’۔۔۔ مرکزی محرک تو میرے یہاں جنسی کشش ہی ہے۔ وہ اتنی دلنشیں ہو گئی ہے کہ جنسیت کا جذبہ بیک وقت جاندار اور پاک ہوتا نظر آتا ہے۔ ‘‘
اس سے قبل اُنھوں نے کہا تھا:
’’اُردو کے عشقیہ اشعار جنسیت کی سرحدیں توڑتے ہوئے یا اُن سے بلند اُٹھتے ہوئے ایک پورا فلسفۂ زندگی مرتب کرتے ہیں۔ ‘‘
فراقؔ کی جمالیات میں شرنگار رَس کی لذّتیت ایسی ہے کہ قاری کا شعور اور لاشعور دونوں متاثر ہوتا ہے، اس ’رَس‘ سے جو جمالیاتی صفت پیدا ہو جاتی ہے اسے ایک اچھا قاری ہی محسوس کرتا ہے۔ فراقؔ نے کہا تھا:
’’پاکیزگی جنسی تعلق سے بچنے کا نام نہیں بلکہ اس تعلق کو وحدانیت اور جمالیاتی صفت سے متصف کرنے کا نام ہے۔ ‘‘
ایک با شعور دانشور کی طرح اُنھوں نے تحریر کیا تھا:
’’جنسی کشش اور جنسی رجحانات میں جب تک جذباتی پائندگی جذباتی، سوز و ساز، نرمی، مانوسیت اور معصومیت، حیرت و استعجاب،سپردگی، وجدانی محویت اور ایک احساسِ طہارت کے عناصر گھل مل نہیں جائیں گے اس وقت تک تخیل میں وہ حلاوت اور وہ عنصری طہارت پیدا نہیں ہو گی جو بلند پایہ عشقیہ شاعری کو جنم دیتی ہے او ر غم و محبت کی کسک میں خیر و برکت کی وہ صفت بھی پیدا نہ ہو گی جس کے بغیر وہ رس جس یا ’’پرسارگن‘‘ پایا جائے گا۔ جہاں غم و نشاط کا اتحاد ہوتا ہے او ر جو دُنیا کی بلند پایہ عشقیہ شاعری کی رُوحِ رواں ہے۔ ‘‘ (فراق)
سمجھنا کم نہ ہم اہلِ زمیں کو
اُترتے ہیں صحیفے آسماں سے
(فراق)
٭٭٭
٭٭٭
مصنف کی اجازت اور تشکر کے ساتھ کہ ان کے توسط سے فائل کا حصول ہوا۔
ان پیج سے تبدیلی، پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
فراقؔ کی جمالیات
شکیل الرّحمٰن
اقتباس
’ردِم‘ (Rhythm) کا تعلق یونانی لفظ rhythmos سے ہے جس کا مفہوم ’رفتار‘ (tempo) سے قریب تر ہے۔ پوری کائنات میں آہنگ کا قانون موجود ہے، اس کے عمل کو خوب محسوس کر سکتے ہیں۔ تمام فطری عوامل کے باطن میں آہنگ موجود ہے، محسوس ہوتا ہے جیسے ہر صورت کے اندر آہنگ کا زیر و بم ہے، تخلیق جو ارتعاشات (vibrations) کا فینومینن ہے آہنگ ہی کا خوبصورت کرشمہ ہے، آہنگ کے بغیر کسی صورت کا تصوّر ہی پیدا نہیں ہو سکتا، کوئی ایسی حرکت نہیں جس میں آواز نہ ہو اور کوئی ایسی آواز نہیں کہ جس میں آہنگ نہ ہو۔ وقت کی رفتار اور لمحوں میں آہنگ موجود ہے۔ آہنگ کی بہترین صورت موسیقی میں دیکھی جا سکتی ہے۔ آہنگ ہی موسیقی کی رُوح ہے، موسیقی کے مختلف حصّے ایک دوسرے سے جذب ہو کر کوئی صورت اختیار کر لیتے ہیں تو مفہوم پیدا ہوتا ہے، بہاؤ میں مفہوم اُبھر آتا ہے۔ شاعری میں اکثر دو مصرعے جب ایک دوسرے میں جذب ہو جاتے ہیں تو بہاؤ کے ساتھ ایک جذبہ خلق ہو جاتا ہے، آہنگ کی ایک جمالیاتی تصویر اُبھر آتی ہے۔ آہنگ کا تعلق کمپوزیشن (composition) یا ترتیب سے ہے، کمپوزیشن جتنا عمدہ ہو گا آہنگ بھی اُتنا ہی متاثر کن ہو گا۔ کسی اچھی تصویر میں چند لکیروں، چند رنگوں کی آمیزش کی تکرار سے جو آہنگ پیدا ہوتا ہے وہ غور طلب ہے۔ تکرار یا Repetition کی بڑی اہمیت ہے، اس سے آہنگ جنم لیتا ہے۔ یہی آہنگ دیکھنے والے کی نظر کو پوری تصویر میں گھومنے پر مجبور کرتا ہے۔
آہنگ (rhythm) فطرت کا پوشیدہ قانون ہے۔ دل کی دھڑکن، نبض کی حرکت، جسم میں خون کی گردش اور طلوعِ آفتاب اور غروبِ آفتاب، سمندر کی لہروں کی مسلسل تبدیلیاں، موسموں کی تبدیلی، سب آہنگ کی تبدیلی کا احساس دیتے ہیں۔ پرندوں کی پرواز اور زمین پر چلتے ہوئے ہر ذی رُوح میں آہنگ موجود ہے۔ رنگوں کی آمیزش کی متوازن صورت سے دلکش آہنگ کی پہچان ہو جاتی ہے، رنگوں میں توازن نہ ہو تو اچھا آہنگ پیدا ہی نہیں ہو گا۔ اچھی موسیقی کا آہنگ ہی رقص کرنے پر اُکساتا ہے۔
آہنگ ایک اسرار ہے جو وقت کے تسلسل اور لمحوں کی خاموش تبدیلیوں میں موجود رہتا ہے۔
اس عہد میں فراقؔ ادبی روایات کے جلال و جمال کے آہنگ کی مکمل طور پر نمائندگی کرتے ہیں، کلاسیکی روایات کے حسن و جمال کو خوب جانتے پہچانتے ہیں۔ ان کی شاعری میں آہنگِ جلال و جمال کا جو منفرد احساس ملتا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ بلاشبہ وہ آہنگِ جلال و جمال کے بڑے شاعر ہیں۔ کلام کا آہنگ عمدہ جذبوں کے رسوں کی دین ہے۔ ّحسیات و لمسیات کی اس شاعری کا آہنگ ہی مختلف اور منفرد ہے :
سمٹ سمٹ سی گئی ہے فضائے بے پایاں
بدن چرائے وہ جس دم اِدھر سے گزرے ہیں
شام بھی تھی دھواں دھواں حسن بھی تھا اُداس اُداس
دِل کو کئی کہانیاں یاد سی آ کے رہ گئیں
تمام خستگی و ماندگی ہے عالمِ ہجر
تھکے تھکے سے یہ تارے تھکی تھکی سی یہ رات
لفظوں کی تکرار (سمٹ سمٹ، دھواں دھواں، تھکے
تھکے، تھکی تھکی، اُداس اُداس) نے شاعر کی حسّی اور لمسی
کیفیتوں کو تخلیقی سطح پر حد درجہ محسوس بنا دیا ہے، ایسے
اشعار میں کبھی محبوب کے جمال کا آہنگ مختلف متحرک نقش مختلف
پرچھائیوں کی صورتیں اُبھارتا ہے او ر کبھی ماضی کے درد
کے تجربوں کی المناکی کو احساس اور جذبے سے قریب
کر دیتا ہے۔ آہنگ کبھی سرگوشی کے اسرار تک اس طرح لے جاتا
ہے کہ اسرار کی لطافت ہی سے جمالیاتی انبساط حاصل ہونے
لگتا ہے، یادوں کی لطیف پراسرار دھُند میں ذہن
اُترنے لگتا ہے۔ اسی کو مسعود آہنگ (Rhythm of Bliss) اور مکمل
جمالیاتی آسودگی اور انبساط سے تعبیر کیا گیا ہے۔
ہندوستانی جمالیات کا بغور مطالعہ کیا جائے تو یہ ّسچائی بھی سامنے آئے گی کہ دُنیا کو آواز، آہنگ اور روشنی کا اظہار یا ظہور manifestation سمجھا گیا ہے۔ یہ جمالیاتی فکر و نظر کی بنیادی ّسچائی ہے، سورج اس فکرو نظر کی بنیادی مرکزی علامت ہے۔ ’سوریہ‘ کے لفظ کا تعلق ’سور‘ ( سر) (svar) سے ہے کہ جس کے دو معنی ہیں ’چمک‘، ’روشنی‘ روشن کرنا وغیرہ۔ اور۔۔۔ آواز آہنگ!سات بنیادی رنگ موسیقی میں سات ’سوروں ‘ یا ’ سروں ‘ سے قریب ہیں۔ ’سوریہ‘ روشنی اور آواز دونوں کی علامت ہے۔ روشنی اور آواز کی ہم آہنگی ’سوریہ‘ ہے۔ ہندوستانی جمالیات میں ہر فن میں ’بیانیہ‘ یا narrative کو بڑی اہمیت دی گئی ہے، ’بیانیہ‘ فن کی رُوح ہے، وہ موسیقی ہو یا رقص یا ڈراما، ّمجسمہ سازی ہو یا فنِ تعمیر۔ تمام فنون درخت کی مانند اپنی مضبوط جڑوں کی بنیاد پر اُوپر اُٹھتے، بڑھتے نظر آتے ہیں۔ سب رُوحانی تجربہ لگتے ہیں، لاشعور میں غالباً یہ عقیدہ پوشیدہ ہے کہ زندگی کا تسلسل قائم ہے، ساتھ ہی زندگی کی وحدت بھی موجود ہے۔ ہندوستانی جمالیات نے اس بات پر اصرار کیا ہے کہ انسان اور نیچر کا رشتہ اٹوٹ ہے، ٹوٹنے والا نہیں ہے، انسان اور فطرت، انسان اور وقت اور فضا، انسان اور دیوتا، انسان اور کائنات اور انسان اور انسان۔۔۔ ان کی وحدت موجود ہے۔
جن حضرات نے راجپوت مصوّری کے نمونے دیکھے ہوں گے انھیں آہنگ اور آہنگ کی وحدت اور جمالِ وحدت کا نقش ضرور ملا ہو گا۔ مثلاً ایک خوبصورت سوگوار عورت کی تصویر سامنے آتی ہے، بادل چھائے ہوئے ہیں، یہ بادل اس عورت کے بہت پاس ہیں، یہ بھی اُداس اور سوگوار ہیں، چاند ہے تو وہ بھی اُداس اُداس، عورت کی سائیکی کی علامت اُداسی کا استعارہ، بادلوں او ر چاند کو عورت کے وجود اور اس کی ظاہری اور باطنی کیفیتوں سے علیٰحدہ نہیں کر سکتے۔ عورت اور بادل اور چاند کی وحدت واضح طور پر نظر آتی ہے او ر جمالِ وحدت کا گہرا تاثر ملتا ہے۔ اسی طرح شاعری میں تجربے او ر ماحول اور فضا کے آہنگ کی وحدت سے جمالیاتی انبساط حاصل ہوتا رہتا ہے۔ اکثر ماضی اور یادوں کے آہنگ سے رشتہ قائم ہو جاتا ہے او ر آہنگ اور آہنگ کی وحدت قاری کو ایک پراسرار لذّت آمیز کیفیت عطا کر دیتی ہے۔
غزل کا کینوس چھوٹا تو ہے لیکن گہرا بھی کم نہیں ہے۔
غزل کے کئی تخلیقی فنکاروں نے اس آرٹ میں بڑی
گہرائی پیدا کی ہے۔ ’بیانیہ‘ اس کی بھی ایک بنیادی خصوصیت ہے لیکن
اس آرٹ کے کینوس کا تقاضہ یہ ہے کہ واقعہ استعاروں او ر
اشاروں میں بیان ہو یا استعارے اشارے لیے
ہوں کہ ذہن واقعے کے پراسرار دھُندلکوں تک
ہی پہنچ کر جمالیاتی انبساط حاصل کر لے، اَن کہی کہانی میں حسّیاتی
سطح پر کوئی ’رَس‘ (Rasa) پالے، کچھ چکھ لے او ر لذّت پالے، فراقؔ جب یہ
کہتے ہیں :
دیکھ آئے آج یادوں کا نگر
ہر طرف پرچھائیاں پرچھائیاں
یا:
حسن بھی تھا اُداس اُداس شام بھی تھی دھُواں دھُواں
یاد سی آ کے رہ گئیں دل کو کئی کہانیاں
یا:
اُف یہ فضا اُداس اُداس، آہ یہ موج دودِ شام
یاد سی آ کے رہ گئیں، دل کو کئی کہانیاں
تو
غزل کے چھوٹے کینوس کی گہرائیوں کا کچھ کچھ اندازہ تو
ہوتا ہی ہے بیانیہ کی پُر اسراریت کی سرگوشیوں کا احساس بھی
ملتا ہے۔
آہنگ اور آہنگ کی
جمالیاتی وحدت سے جمالیاتی انبساط حاصل ہوتا رہتا ہے۔ یادوں
کے نگر میں ہر جانب صرف پرچھائیاں ہی پرچھائیاں
ہیں۔ پرچھائیوں کے پیچھے واقعات و واردات کی
کہانیاں چھپی ہوئی ہیں۔ پرچھائیاں یادیں، حادثات و واقعات
چھپائے بیٹھی ہیں۔ یادوں کے نگر کی پرچھائیاں،
دھواں دھواں شام، اُداس اُداس فضا، یہ سب عاشق کے وجود
سے قریب تر ہیں۔ عاشق کی سائیکی سے ان کا گہرا رشتہ قائم ہے
او ر اسی طرح ذات اور فضاؤں کی ایک جمالیاتی وحدت قائم ہو گئی ہے۔
مصوّر اس جمالیاتی وحدت کی خوبصورت تصویر بنا سکتا ہے۔ فراقؔ کی جمالیات
میں ایک جانب عاشق اور اس کے ماضی کے لمسی اور جذباتی
تجربوں کی جمالیاتی ہم آہنگی کی پراسرار کیفیتیں متاثر
کرتی ہیں تو دوسری جانب محبوب اور وقت اور جلال و جمال کی ہم آہنگی
بھی اثرانداز ہوتی ہے۔
ہندوستانی جمالیات میں آرٹ زندگی کی نمائندگی نہیں
کرتا، یہ زندگی کی سجاوٹ اور آرائش و زیبائش کا نقش بھی نہیں ہے، یہ
وجود کا ایک ّحصہ ہے۔ یہ زندگی کی رُوح ہے، زندگی
کا جوہر ہے اس کا نقطۂ عروج (culmination) ہے۔ کالیداس کے
کلام میں ایک مقام پر سیتا زارزار روتی دِکھائی دیتی ہیں، لکچھمن
انھیں والمیکی کی کٹیا میں چھوڑ کر چلے
گئے ہیں، وہ تنہا ہیں او ر روتی جا رہی ہیں، ان لمحوں کو
کالیداس نے کائناتی دُکھ (cosmic sorrow) میں تبدیل کر دیا
ہے۔ سارا جنگل رو رہا ہے، یہ غم پورے وجود کا
ایک ّحصہ بن گیا ہے۔ درختوں سے پھول
آنسوؤں کی طرح ٹپک رہے ہیں، اس غم میں جیسے ساری
کائنات سما گئی ہو۔ ایک عجیب و غریب منظر ہے، ایک عجیب و غریب تجربہ ہے۔
فطرت اور انسان کا پراسرار بامعنی رشتہ زندگی کا تجربہ بن
جاتا ہے۔ بیانیہ کی کیفیت ایسی ہے کہ لگتا ہے زماں و
مکاں سے آگے نکلتے جا رہے ہیں، انسان اور
فطرت یا نیچر کے اس پراسرار رشتے سے جو
’رس‘ (Rasa) پیدا ہوتا ہے یا ٹپکتا ہے وہی آرٹ کا بنیادی جوہر
ہے۔ جس طرح راجپوت مصوّری کی دوشیزہ اور بادلوں کی جمالیاتی وحدت
متاثر کرتی ہے اسی طرح یہاں مرکزی کردار اور وقت کی جمالیاتی
وحدت اثرانداز ہوتی ہے، بہت اچھی شاعری اپنے ’رسوں ‘ سے متاثر
کرتی ہے۔
فراقؔ کی جمالیات
میں ’وقت‘ عاشق کے تجربوں میں جذب ہے۔ ’شب‘ یا
’رات‘ وقت کا سب سے اہم معنی خیز استعارہ ہے جو عموماً وقت
کے المیہ کو احساس اور جذبے سے قریب تر کر دیتا ہے۔
حسّی کیفیتوں او ر ’شب‘ کی ہم آہنگی سے جو جمالیاتی وحدت پیدا ہوتی
ہے وہ جمالیاتِ فراقؔ کا جوہر ہے۔ فراقؔ اس بات کو خوب جانتے
ہیں، کہتے ہیں :
’’رات کی کیفیتیں او ر رات
کی رمزیت جس طرح میرے اشعار میں فضا باندھتی ہے وہ کہیں
او ر نہیں ملے گی۔ ‘‘
٭٭٭٭٭٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)