تاریخ، سوانح و تحقیق

فکر و خیال

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (49,405 الفاظ)

فکر و خیال

پروفیسر غلام شبیر رانا

وحید بخش غیاث :عصری آگہی سے متمتع عظیم تخلیق کار

وحید بخش غیاث کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے مردم خیز خطے سے ہے۔ وہ ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیاز گزشتہ سات عشروں سے پرورش لوح و قلم میں مصروف ہیں۔ اردو زبان و ادب کے اس زیرک، فعال، مستعد اور بے لوث خدمت گار نے بڑے زوروں سے اپنے آپ کو منوایا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے وہ اپنے لہو سے ہولی کھیلنے اور کالے کٹھن دکھوں کے پہاڑ تن تنہا اپنے سر پر جھیلنے میں ایک گونہ اطمینان محسوس کرتے ہیں۔ کتابیں ہی ان کا اوڑھنا اور کتابیں ہی ان کا بچھونا ہیں۔ وہ ایک وسیع المطالعہ تخلیق کار ہیں۔ پاکستان کی تمام زبانوں پر انھیں خلاقانہ دسترس حاصل ہے۔ خاص طور پر اردو، پنجابی، سندھی، پشتو، سرائیکی، بلوچی، پشتو، کشمیری اور ہندکو کے کلاسیکی ادب کا انھوں نے عمیق مطالعہ کیا ہے۔ عالمی کلاسیک میں انھوں نے ہمیشہ گہری دلچسپی لی ہے۔ دنیا کی تمام زبانوں کے نمائندہ اور نابغہ روزگار ادیبوں کی تخلیقات کے تراجم کا انھوں نے مطالعہ کر رکھا ہے۔ وہ دنیا کی کئی زبانوں کے ادب سے واقف ہیں۔ ان میں عربی، فارسی، ہندی، انگریزی، جرمن، بنگالی، فرانسیسی اور چینی زبان قابل ذکر ہیں۔ اپنی جنم بھومی سے انھیں بہت محبت ہے۔ وہ دنیا کے بہت سے ممالک کی سیر کر چکے ہیں۔ حصول روزگار کے سلسلے میں انھوں نے اپنی عمر عزیز کا بڑا حصہ بیرونی ممالک میں گزارا۔ یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ انھوں نے طویل عرصہ وطن سے باہر گزارا مگر وطن کی محبت ان کے ریشے ریشے میں سما چکی تھی۔ وہ جہاں بھی رہے وطن کی محبت سے ان کے مشام جاں معطر رہے اور پھر ایک دن آیا جب وہ وہیں لوٹ آئے جہاں ان کی آنول نال گڑی تھی۔ وہ نصف صدی سے زیادہ عرصہ وطن سے باہر رہے۔ اب جب وہ وطن واپس آگئے ہیں تو ان کے جذبات اور احساسات کی جو کیفیت ہے اسے خلوص بھرا دل اور درد بھری آنکھیں محسوس کر سکتی ہیں ، الفاظ ان کی ترجمانی سے قاصر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حب وطن بلا شبہ ملک سلیما ن ؑسے کہیں زیادہ سکون بخش اور وطن کے کانٹے تو سنبل و ریحان سے بھی زیادہ پر کیف ہوتے ہیں۔ ان کی حب الوطنی، علم دوستی، ادب پروری، خلوص، دردمندی، انسانی ہمدردی اور انسانیت نوازی ان کا سب سے بڑا اعزاز و امتیاز ہے۔ وہ جہاں بھی رہے انھوں نے وطن اور اہل وطن کے ساتھ اپنی والہانہ محبت اور قلبی وابستگی کو برقرار رکھا۔ وہ حریت فکر کے ایسے مجاہد ہیں جنھوں نے ارضی اور ثقافتی حوالے سے وطن اور اہل وطن کی خدمت کو اپنا شعار بنا رکھا ہے۔ اپنے وطن اور اہل وطن کے سا تھ انھوں نے جو عہد وفا استوار کر رکھا ہے اسے وہ علاج گردش لیل و نہا ر قرار دیتے ہیں۔ وہ حریت فکر کے عظیم مجاہد ہیں۔ انھوں نے ہمیشہ جذبوں کی صداقت کا بھرم بر قرار رکھا ہے۔ انسانیت کے وقار اور سر بلندی کے لیے ان کی خدمات کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔ بیرونی ممالک میں نصف صدی سے زیادہ عرصہ گزارنے کے بعد جب وہ ڈیرہ غازی خان واپس آئے تو سارا ماحول ہی بدل چکا تھا۔ دیار غیر میں تو وہ پرانے آشنا چہروں کو یاد کر کے ہجوم غم میں دل کوسنبھالنے کے جتن کرتے تھے۔ جب واپس اپنے آبائی علاقے میں پہنچے تو یہ دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے کہ سیل زماں کی مہیب موجیں تمام پرانی رفاقتوں کو خس و خاشاک کے مانند بہا کے لے گئی تھیں۔ اب انھیں اپنے ہی آبائی شہر میں لو گ اجنبی گردانتے تھے۔ یہ کوہ غم ان کے لیے اس قدر گراں ثابت ہوا کہ انھوں نے تنہائی اور اجنبیت کی جان لیوا گھڑیوں کو گزارنے کے لیے تیشہ حرف سے فصیل غم کو منہدم کرنے کی مساعی کا آغاز کر دیا۔ اب وہ سر گرداب اپنے احباب کو پکار رہے ہیں کہ شاید ساحل سے کو ئی مانوس آواز اور درد مند لہجہ سنائی دے۔ ہم اہل وطن ان کو یہاں آنے پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے لیے دیدہ و دل فرش راہ کرتے ہیں۔ وطن ہم سب کے جسم اور روح سے عبارت ہے۔ اگرچہ وحید بخش غیاث بہت طویل عرصے کے بعد وطن آئے ہیں لیکن جب یہاں آ گئے ہیں تو پھر ہم سب ان پر خلوص بھرے جذبات اور عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہیں۔ وہ اب آ گئے ہیں تو وہ سب کے دل میں بس جائیں گے۔ اس میں دیر سے آنے کی شکایت کیسی اور وطن سے دور رہنے پر ندامت کا کیسا تذکرہ ؟میں یہاں ممتاز شاعر عندلیب شادانی کے یہ شعر وحید بخش غیاث کی نذر کرتا ہوں۔

دیر لگی آنے میں تم کو، شکر ہے پھر بھی آئے تو
آس نے دل کا ساتھ نہ چھوڑا، ویسے ہم گھبرائے تو
شفق، دھنک، مہتاب، گھٹائیں ، تارے، نغمے، بجلی، پھول
اس دامن میں کیا کیا کچھ ہے، وہ دامن ہاتھ آئے تو
جھوٹ ہے سب، تاریخ ہمیشہ اپنے کو دہراتی ہے
اچھا میرا خواب جوانی، تھوڑا سا دہرائے تو

وحید بخش غیاث نے 1958میں وطن سے باہر قسمت آزمائی کرنے کا فیصلہ کیا۔ حصول معاش کے لیے وہ دنیا کے متعدد ممالک میں پہنچے اس طرح انھوں نے پوری دنیا کی سیر کرنے کے عزم کی تکمیل کی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انھوں نے ابن بطوطہ کا جس طرح تعاقب کیا اس میں کوئی ان کا شریک اور سہیم نہیں۔ وہ جہاں بھی گئے اپنے وطن کی تہذیب، ثقافت، معاشرت اور علم و ادب کی ترجمانی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ وطن اور اہل وطن کو ان کی علمی، ادبی اور قومی خدمات پر ناز ہے۔ تاریخ ہر دور میں ان کے ان عظیم کاموں اور فقید المثال خدمات کی بنا پر ان کے نام کی تعظیم کرے گی۔ اردو زبان و ادب کی نئی بستیاں بسانے اور دیار غیر میں گلشن اردو کو خون جگر سے سیراب کرنے والوں میں وحید بخش غیاث کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جب وہ 1958میں مسقط میں مقیم تھے تو انھوں نے اس سر زمیں پر پہلی مرتبہ ایک عظیم ثقافتی پروگرام ترتیب دیا۔ ایک عظیم الشان عالمی اردو مشاعرہ کا انعقاد اور اس کے بعد ایک ثقافتی پروگرام میں نامور گلوکار مہدی حسن کی شرکت سے اس محفل کی رونق کو چار چاند لگ گئے۔ قطر میں انھوں نے ایک علمی، ادبی اور ثقافتی تنظیم قائم کی جو کہ’’ پاکستان کلچرل کونسل ‘‘کے نام سے اب بھی ایک فعال اور مستعد تنظیم ہے۔ وحید بخش غیاث اپنی ذات میں ایک انجمن ہیں۔ علمی، ادبی اور ثقافتی پروگراموں کے انعقاد میں وہ ہمیشہ گہری دلچسپی لیتے رہے ہیں۔ انھوں نے قطر میں جو علمی، ادبی اور ثقافتی تنظیم قائم کی وہ اس کے بانی بھی تھے اور اس کے صدر بھی وہی تھے۔ اپنے قیام کے عرصے میں انھوں نے اس تنظیم کے زیر اہتمام متعدد یاد گار تقریبات کا انعقاد کیا ان میں سے ایک یادگار تقریب وہ بھی تھی جس میں پاکستان کے مایہ ناز اداکار اور کامیڈین معین اختر نے قطر میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور پوری دنیا سے آئے ہوئے ناظرین کو اپنی لا زوال کارکردگی سے مسحور کر دیا۔ قطر میں اس نوعیت کی تقریبات اب روز کا معمول بن گئیں۔ ہر لحظہ نیا طور نئی برق تجلی والی کیفیت تھی اور مرحلہ شوق کا یہ عالم تھا کہ کبھی طے ہونے میں نہ آتا تھا۔ وحید بخش غیاث ان سب تقریبات کی روح رواں اور بانی اور منتظم ہوتے تھے۔ شاخ چمن سے پرواز کے بعد اگرچہ وہ طویل عرصہ تک عذاب در بدری سہتے رہے لیکن اس کے باوجود مٹی کی محبت میں ایسے تمام قرض بھی ادا کرتے رہے جو کہ ان پر واجب بھی نہیں تھے۔ مجھے وحید بخش غیاث کی شخصیت کا احوال پڑھتے وقت بے اختیار مجید امجد کے یہ شعر یاد آ گئے۔ انھوں نے وطن سے محبت کا جس طرح حق ادا کیا ہے اس کی ترجمانی ان اشعار میں بہ طریق احسن کی گئی ہے۔ وہ جہاں بھی رہے اگرچہ ہماری آنکھ سے دور رہے مگر دل سے کبھی دور نہ ہوئے۔

اک عمر دل کی گھات سے تجھ پر نگاہ کی
تجھ پر تری نگاہ سے چھپ کر نگاہ کی
روحوں میں جلتی آگ خیالوں میں کھلتے پھول
ساری صداقتیں کسی کافر نگاہ کی
جب بھی غم زمانہ سے آنکھیں ہوئیں دو چار
منہ پھیر کر تبسم دل سے نگاہ کی

وحید بخش غیاث کا نام ہر پاکستانی کی لوح دل پر لکھا ہے۔ وہ محب وطن پاکستانیوں کے لیے اجنبی کیسے ہو سکتے ہیں۔ ایک ایسا محسن جس نے اپنی عمر عزیز کے پچاس سال دیار غیر میں وطن کی عظمت اور وقار کا پرچم بلند رکھنے کے لیے جد و جہد کی اسے ہر پاکستانی دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرنے میں کبھی تامل نہیں کرے گا۔ ا یام گزشتہ کی کتاب کی ورق گردانی کرتے وقت ان کا نام دلوں کو مرکز مہرو و فا کرتا رہے گا۔ وہ تاریخ اور اس کے مسلسل عمل کے بارے میں مثبت شعور و آگہی پروان چڑھاتے رہے ہیں۔ ان کی شاعری میں قومی، ملی، سماجی اور معاشرتی موضوعات پر نہایت پر تاثیر اسلوب اپنایا گیا ہے۔ ان کی شاعری قلب اور روح کی اتھاہ گہرائیوں میں اتر کو پتھروں کو بھی موم کر دیتی ہے۔ ان کی موضوعاتی قومی شاعری پر ان کو متعدد اعزازات سے نواز ا گیا۔ وہ قطر میں پاکستان ایجوکیشن سنٹر کے بورڈ آف گورنرز کے رکن رہے۔ ان کی کوشش رہی کہ جس طرح بھی ممکن ہو تعمیر وطن کا عظیم کام جاری رکھا جائے۔ اپنی زندگی کے حسین دن دیار غیر میں گزارنے والے اس نابغہ روزگار تخلیق کار نے اپنی تخلیقی کامرانیوں سے اردو زبان و ادب کی ثروت میں جو بے پناہ اضافہ کیا اس کی بنا پر ہرپاکستانی کا سر ان کے سامنے خم رہے گا۔ مجید امجد کے یہ شعر میرے جذبات کی صحیح ترجمانی کرتے ہیں۔

باگیں کھنچیں ، مسافتیں کڑکیں ، فرس رکے
ماضی کی رتھ سے کس نے پلٹ کر نگاہ کی
دونوں کا ربط ہے تری موج خرام سے
لغزش خیال کی ہو کہ ٹھوکر نگاہ کی

جدید اردو نظم کو موضوعاتی تنوع عطا کرنے کے سلسلے میں وحید بخش کا نام بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کلام اردو کے ممتاز ادبی مجلات کی زینت بنتا رہتا ہے۔ علمی اور ادبی حلقوں کے لیے ان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان کی متعدد موضوعاتی نظمیں قارئین نے بہ نظر تحسین دیکھیں۔ تعلیم ادارے ہوں یا ادبی محفلیں ان میں وحید بخش غیاث کی شرکت سے یہ محفلیں رنگ، خوشبو اور حسن و خوبی کے تمام استعاروں سمیت نگاہوں میں گھومنے لگتی ہیں۔ ان کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے کہ یہی تو وہ جگہ ہے کہ جہاں خلوص و محبت کا زم زم رواں دواں ہے۔ ایک زیرک تخلیق کار کی حیثیت سے وہ ید بیضا کا معجزہ دکھاتے ہیں۔ ان کی شاعری سچے جذبات کی ترجمان ہے۔ ان کی چند نظمیں جو اپنے عہد میں بے حد مقبول ہوئی ان میں ’’خواب ‘‘، ’’یوم آزادی ‘‘، ’’پیروی دین حنیف ‘‘، ’’برکات رمضان شریف ‘‘، ’’ آشوب روزگار ‘‘’’سچ کی طاقت ‘‘، ’’شعرائے کرام سے گزارش ‘‘ اور ’’فرق ذات پات ‘‘شامل ہیں۔ وحید بخش غیاث نے ہر صنف شعر میں اپنی تخلیقی فعالیت کے جوہر دکھائے ہیں۔ ان کی شاعری میں نظم، غزل، قطعات، تضمین، حمد اور نعت شامل ہیں۔ ان کی شاعری میں وطن سے دوری کا احساس نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ ان کی طویل نظمیں پڑھنے کے بعد فرط جذبات سے آنکھیں بھیگ بھیگ گئیں۔ انھوں نے ہر جگہ اہل وطن کو آزادی کی اہمیت اور وطن سے محبت کا احساس دلایا ہے۔ یہ سچ ہے کہ شکم کی بھوک انسان کو در بہ در لیے پھرتی ہے لیکن ایک جذبہ ایسا بھی ہے جو اس عذاب دربہ دری پر غالب آ جاتا ہے اور وہ حب الو طنی کا جذبہ ہے۔ انسان کہیں بھی رہے وطن اور اہل وطن کی حسین اور دل کش یادیں اس کے ساتھ رہتی ہیں۔ وحید بخش غیاث کے ساتھ مقدر نے عجب کھیل کھیلا۔ وہ تو دیار غیر میں وطن اور اہل وطن کے ساتھ کیے جانے والے پیمان وفا کو نبھاتے رہے مگر اہل وطن نے نے اپنی غفلت کے باعث انھیں وہ حقیقی مقام نہیں دیا جس کے وہ بجا طور پر مستحق تھے۔ وہ عظیم ادیب جس کی علمی، ادبی اور قومی خدمات کا پوری دنیا کے اخبارات و جرائد میں اعتراف کیا گیا۔ روزنامہ گلف نیوز (Gulf News)نے اپنی 7۔ اگست 1986کی اشاعت میں اپنے ایک طویل مضمون میں وحید بخش غیاث کو شاعر اردو اور شاعر پاکستان کے نام سے یاد کیا ہے۔ واقفان حال جانتے ہیں کہ وحید بخش غیاث نے تمام عمر ایک ایسے ادیب کی حیثیت سے وقت گزارا جس نے نمود و نمائش سے ہمیشہ دامن بچایا۔ متعدد عالمی اخبارات و جرائد نے ان کی علمی، ادبی، ملی اور لسانی خدمات کہ بہ نظر تحسین دیکھتے ہوئے ان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ وہ پاکستان کی تاریخ کے ایک عینی شاہد ہیں۔ انھوں نے وطن کے قیام سے لے کر اس کے دو لخت ہونے تک کے تمام مراحل دیکھے ہیں ان کے اسلوب میں جو سوزنہاں اور قلبی درد ہے وہ انھیں اپنے معاصر شعرا میں منفرد مقام عطا کرتا ہے۔ ایک جذبہ جو ہر جگہ پوری قو ت کے ساتھ جلوہ گر ہے وہ وطن کے ساتھ ٹوٹ کر محبت کرنے کا جذبہ ہے۔ وہ جہاں بھی رہے، جس حال میں بھی رہے وطن اور اہل وطن کی یاد سے کبھی غافل نہیں رہے۔ بہ قول افتخار نسیم :
اداس بام، کھلا در پکارتا ہے مجھے
جلا وطن ہوں مرا گھر پکارتا ہے مجھے

میں یہ بات بلا خوف تردید کہہ سکتا ہوں کہ وحید بخش غیاث کے دل کی دھڑکنوں کے تار سے ایک ہی نغمہ پھوٹتا ہے اور اس کی دھن سے سب لوگ وجد میں آ جاتے ہیں۔ وہ نغمہ ہے ’’اے نگار وطن تو سلامت رہے۔ ۔ ۔ مانگ تیری ستاروں سے بھر دیں گے ہم ‘‘۔ ایسے درد مند دل رکھنے والے محب وطن پاکستانی کے لیے کون ہے جو سراپا سپاس نہ ہو گا۔ ایسے پر عزم اور با ہمت لوگ ملک و قوم کا عظیم اثاثہ ہوتے ہیں۔ ان کی قومی خدامت کا عدم اعتراف نہ صرف ایک مہلک تاریخی غلطی ہے بلکہ اسے نا شکری پر بھی محمول کیا جائے گا۔ وحید بخش غیاث اپنے اسلوب کے معجز نما اثر سے قطرے میں دجلہ اور جزو میں کل کا منظر دکھانے پر قادر ہیں۔ مجروح سلطان پوری نے ایسے ہی اہل دل کے بارے میں کہا تھا جنھوں نے اپنی ہمت، مسقل مزاجی ور سعی پیہم سے حالات کا رخ بدل دیا۔

اہل طوفاں آؤ دل والوں کا افسانہ کہیں
موج کو گیسو، بھنور کو چشم جاناناں کہیں

وحید بخش غیاث کی شاعری میں عصری آگہی کا عنصر نمایاں ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ گیسوئے اردو ابھی منت پذیر شانہ ہے۔ اس شمع کو فروزاں رکھنے کے لیے اردو زبان و ادب کے پروانوں کی دل سوزی نا گزیر ہے۔ تخلیق فن کے لمحوں میں وہ خون بن کر رگ سنگ میں اتر جانے کی صلاحیت سے متمتع ہیں۔ زبان و بیان پر ان کی خلاقانہ دسترس کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ ان کی بات دل سے نکلتی ہے اور سیدھی دل میں اترتی چلی جاتی ہے۔ مسلسل شکست دل کے باعث بے حسی کا عفریت ہمارے سر پر منڈلا رہا ہے۔ ہر کوئی اپنی دھن میں مگن اور اپنی ہوا میں خراماں خراماں پھرتا دکھائی دیتا ہے۔ شہر نا پرساں میں ایک حساس تخلیق کار کی چشم تر پر کو ن نگاہ ڈالتا ہے۔ آئیے وحید بخش غیاث کی شاعری کے چند نمونے دیکھ لیں۔ اپنی شاعری میں انھوں نے اصلاح اور مقصدیت کو ہمیشہ اولیت دی ہے۔

وطن سے شان ہوتی ہے، وطن پہچان ہوتا ہے
وطن سے آن ہوتی ہے، وطن ایمان ہوتا ہے
وطن کچھ مانگتا بھی ہے، وطن والو ذرا سوچو
وطن پر جو نچھاور ہو، وطن کو مان ہوتا ہے

وحید بخش غیاث اپنی ذات میں ایک انجمن اور دبستان علم و ادب ہیں۔ حب الوطنی، انسانی ہمدردی، خلوص اور دردمندی، بے لوث محبت اور بے باک صداقت کے جذبات ان کے قلب و روح اور جسم و جاں میں رچ بس گئے ہیں۔ انھوں نے وطن اور اہل وطن سے والہانہ محبت کی جو بزم اپنے نہاں خانہ دل میں سجا رکھی ہے وہ ہمیشہ حسین یادوں سمیت نکھری رہتی ہے۔ ہجر و فراق اور وطن سے دوری کا کرب سہتے سہتے انھوں نے صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے چھوٹنے نہیں دیا۔ کئی بار تغافل احباب کے باعث ان کے سینہ سوزاں میں اشک رواں کی لہر اٹھی لیکن پھر بھی انھوں نے ضبط کو شعار بنایا اور بغیر آنسوؤں کے رو کر تزکیہ نفس کرنے کی صورت تلاش کر لی۔ ان کے صبر و تحمل کے سامنے گل و یا سمن بھی لب بستہ دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے دل میں ایک ہی تمنا ہے کہ جب ساری دنیا تیزی سے بدل رہی ہے تو پاکستان کے غم زدہ طبقے کا حال بھی بدلنا چاہیے۔ ان کے فکر و خیال کا محور ہمیشہ انسانیت کی فلاح و بہبود، معاشرتی امن و سکون اور سماجی زندگی کی فلاح و بہبود رہا ہے۔ زندگی کی برق رفتاریوں نے فطرت، معاشرے اور سماج میں جو بعد، تضاد اور کشمکش کی کیفیت پیدا کر دی ہے اس پر انھیں شدید تشویش ہے۔ ان کی دلی تمنا ہے کہ ادب کے وسیلے سے زندگی کو درپیش ابتلا اور آزمائش سے عہدہ بر آ ہو ن وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ وہ ادب کو انسانی زندگی کے سب سے اہم اور موثر شعبے کی حیثیت سے قومی زندگی کے تمام پہلوؤں پر منطبق کرنے کے آرزو مند ہیں۔ ایک بزرگ اور جہاں دیدہ ادیب کی حیثیت سے وہ پاکستان کی تہذیبی، ثقافتی اور تاریخی میراث پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ وہ قومی کلچر کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور اس ترقی کی راہ میں حائل فصیل جبر کو وہ تیشہ حرف سے منہدم کرنے کی کوشش میں ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں۔ فسطائی جبر کے خلاف وہ قلم بہ کف مجاہد کا کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ زندگی کی حیات آفریں قوتوں کے روشن مستقبل کے بارے میں حوصلے اور امید کی شمع فروزاں رکھی جائے اور ہوائے جوروستم میں بھی اسے گل نہ ہونے دیا جائے۔ ان کی دلی آرزو ہے کہ نئے تخلیق کاروں کو پرورش لوح قلم کے اہم منصب سے عہدہ بر آ ہونے کے لیے معاشرتی زندگی کو صحت مند رجحانات کے فروغ کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیح سمجھنا چاہیے۔ ان کی تخلیقات میں اس کی واضح جھلک دکھائی دیتی ہے۔ اس کا اندازہ ان کی نظموں کے مطالعہ سے لگایا جا سکتا ہے۔ ان کی نظمیں ’’سچ کی طاقت ‘‘ ، ’’فرق ذات پات ‘‘، ’ ’ شعرائے کرام سے گزارش ‘‘یوم آزادی ‘‘، آشوب روزگار ‘‘، ’’ شاہ نامہ پاکستان ‘‘، ’’ اور آشوب روزگار ‘‘ان کے ذوق سلیم کی مظہر ہیں۔ ان کی شاعری جہاں فکر و نظر کو مہمیز کرنے کا وسیلہ ثابت ہو تی ہے وہاں اس کے اعجاز سے قاری کے ذوق سلیم کو صیقل کیا ہے۔ یہ شاعری قاری کے لیے قلبی، روحانی اور ذہنی تسکین کی متاع بے بہا سے لبریز ہے۔ وحید بخش غیاث نے ظالمانہ استحصالی نظام کے خلاف ہمیشہ کھل کر لکھا ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سرمایہ دارانہ نظام نے مظلوم اور قسمت سے محروم محنت کش طبقے پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ اس نظام کے مسموم اثرات زندگی کی اقدار عالیہ اور درخشاں روایت کو شدید ضعف پہنچایا ہے۔ ان حالات میں مجبور انسانیت کے لیے وہ دلی تڑپ کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کی نظم ’’آشوب روزگار ‘‘ان کے ترقی پسندانہ شعور کی مظہر ہے :

روٹی نہیں ہے کپڑا نہیں ہے مکان بھی
ہر ایک اپنے حال پہ زار و قطار ہے
اس بے بسی کے دور میں بے کس ہوئے ہیں سب
مجبوریوں کے جال میں اک اک شکار ہے
یہ لوٹ مار، خان خرابہ ہے چار سو
دنیا کے کونے کونے سے چیخ و پکار ہے
بچہ بلک رہا ہے مگر ماں میں دم نہیں
بیٹی کے غم میں باپ کا سینہ فگار ہے
نفرت کی آندھیاں ہیں عداوت کی بجلیاں
ہر آشیاں کے گرد انھی کا حصار ہے
چولے بدل رہے ہیں نئی چال چل کے لوگ
مکر و فریب سب نے بنایا شعار ہے
سانسوں کے تار ٹوٹ رہے ہیں ادھر ادھر
اور چارہ گر کے سر پہ وزارت سوار ہے
ان سب کا ایک حل ہے نظر میں غیاث کی
دامن میں پھول بھر کے کہو سب سے پیا ر ہے

وحید بخش غیاث کے اسلوب کا مطالعہ کرنے سے یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ وہ اخوت کی جہانگیری اور محبت کی فراوانی کے آرزو مند ہیں۔ وہ تخلیق فن کے لمحوں میں مظلوم کی حمایت کو ادب کے معیار کی علامت سمجھتے ہیں۔ کئی ترقی پسند ادیبوں سے ان کے قریبی تعلقات زندگی بھر قائم رہے۔ ہاجرہ مسرور کے خاندان کے بزرگوں سے ان کی قطر میں ملاقات ہوئی۔ کیا ہی اچھا ہو کہ وحید بخش غیاث اپنی خود نوشت میں ان تمام یادوں کو شامل کر لیں۔ وحید بخش غیاث نے معاشرے کے مفلوک الحال اور پس ماندہ طبقے کے مصائب و آلام کو پورے خلوص اور دردمندی سے اپنی شاعری کا موضوع بنایا ہے۔ ایک زیرک تخلیق کار کی حیثیت سے وحید بخش غیاث نے اردو سوانح نگار ی، سفرنامے، شاعری اور تاریخ کے بارے میں اپنے اسلوب سے اردو زبان و ادب کو ثروت مند بنایا ہے۔ ان کی غیر مطبوعہ تصانیف جلد زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آنے والی ہیں۔ ان کے اسلوب میں تحلیل و تجزیہ کا عنصر قاری کو مسحور کر دیتا ہے۔ وہ قنوطیت سے دامن بچا کر ہمیشہ پر عزم رہنے پر اصرار کرتے ہیں۔ نثر ہو یا نظم ان کی انفرادیت کا جادو ہر صنف ادب میں سر چڑھ کر بو لتا ہے۔ وہ مفلس کے تبسم کو دیکھ کر تڑپ اٹھتے ہیں کہ اس غیور کے سینے میں ابھی تک فاقوں کی سکت باقی ہے ان کی تحریریں قاری کو ایک جہاں تازہ کی سیر کراتی ہیں۔ پاکستان کے ممتاز ادیبوں کی تخلیقی کامرانیوں کو وہ بہ نظر تحسین دیکھتے ہیں۔ جب بھی کسی ادیب کی کوئی تحریر ان کو پسند آتی ہے وہ بلا تامل اسے خط لکھ کر یا ٹیلی فون کے ذریعے اس کی تحسین کرتے ہیں۔ یہ ان کی علم دوستی اور ادب پروری کی دلیل ہے۔
پاکستان کے ممتاز ادبی مجلات میں وحید بخش غیاث کا کلام پڑھ کر ایک گونہ اطمینان ہوتا ہے کہ ابھی کچھ لوگ اس جہاں میں ایسے بھی باقی ہیں جو قومی مفاد کو ہر قسم کے ذاتی مفاد پر ترجیح دیتے ہیں اور جن کی تخلیق کے سوتے وطن اور اہل وطن کے ساتھ والہانہ محبت اور قلبی وابستگی کے جذبات سے پھوٹتے ہیں۔ اردو زبان میں انھوں نے اپنی گل افشانیِ گفتار سے ایک دھنک رنگ منظر نامہ پیش کیا ہے۔ نظم ہو یا نثر وہ ہر صنف ادب میں اپنی کامرانیوں کے جھنڈے گاڑ دیتے ہیں۔ اردو نثر میں انھوں نے جن اصناف میں طبع آزمائی کی ہے ان میں افسانہ، انشائیہ، خاکہ، سفرنامہ، منظوم سفر نامہ اور خود نوشت شامل ہیں۔ زبان و بیان کی سلاست اور اسلوب کی انفرادیت ہر صنف ادب میں ان کو اہم مقام عطا کرتی ہے۔ مجھے یہ جان کر دلی مسرت ہوئی ہے کہ وحید بخش غیاث کی نمائندہ تحریروں پر مشتمل ایک کتاب جلد شائع ہو رہی ہے۔ اس کتاب کی اشاعت سے نہ صرف اردو ادب کی ثروت میں اضافہ ہو گا بل کہ اردو زبان و ادب کے طالب علم بھی اس عظیم دانش ور کے بارے میں اہم معلومات سے فیض یاب ہوں گے۔ اپنے زور طبع سے کاغذ پر کلیجہ نکال کر رکھ دینے والے اس صاحب طرز ادیب کے بارے میں مثبت شعور و آگہی پروان چڑھانا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ 1936میں ڈیرہ غازی خان کے ایک متوسط گھرانے کے معمار کے ہاں جنم لینے والے اس صاحب بصیرت ادیب نے اس وقت کے حالات کے مطابق میٹرک تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد عملی زندگی میں اپنی دنیا آپ پیدا کی۔ تجارت اور کاروبار میں دیانت سے خود کفالت حاصل کی اور کبھی باب رعایت سے داخل ہونے کاخواب نہ دیکھا۔ وطن کی تعمیر و ترقی کا جو خواب انھوں نے دیکھا تھا اس کی تعبیر انھیں اہل وطن کی جد و جہد میں دکھائی دی۔ اس پر وہ اطمینان کا اظہار کرتے ہیں اور شکوہ ظلمت شب کرنے کے بجائے اپنے حصے کی شمع فروزاں کرنے کی تلقین کرتے ہیں۔ ان کی خاندانی شرافت، دیانت اور وقار کی وجہ سے ان کو معاشرتی زندگی میں جو قدر و منزلت نصیب ہوئی وہ لائق صد رشک و تحسین ہے۔ وحید بخش غیاث جیسے درویش منش اور منکسر المزاج ملک و قوم کے بے لوث خادم ملی اثاثہ ہوتے ہیں ان کا وجود اللہ کریم کی نعمت ہوتا ہے۔ دنیا میں ایسے لوگوں کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ کریم نے اپنی کائنات کے نظام کو بہ طریق احسن چلانا ہے۔ جب تک ایسے نابغہ روزگار لوگ ہماری صفوں میں موجود رہیں گے ہمیں اپنے حال اور مستقبل کے بارے میں کسی تشویش کی ضرورت نہیں۔ علم و ادب کے ایسے روشن ستارے اذہان کی تطہیر و تنویر کا وسیلہ ہیں۔ میری دعا ہے اللہ تعالیٰ انھیں سدا شاد و آباد رکھے اور ان کا دامن راحتوں اور مسرتوں سے معمور رہے۔ وہ ہر پاکستانی کے لیے سرمایہ افتخار ہیں ۔
مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں
تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں
٭٭٭

سعود عثمانی :ایک منفرد اسلوب کا حامل شاعر

لاہور میں مقیم پاکستان کے ممتا ز شاعر سعود عثمانی گزشتہ تین عشروں سے پرورش لوح و قلم میں مصروف ہیں۔ کتابیں ہی ان کا چمن ہیں اور ان کی اشاعت سے ان کا روزگار وابستہ ہے۔ اس با ہمت تخلیق کار نے ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیاز رہتے ہوئے وہ تما کچھ صفحہ قرطاس پر منتقل کیا ہے جو اسے اہل دنیا نے تجربات، مشاہدات، حادثات اور سانحات کی صورت میں دیا۔ سعود عثمانی کے دو شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ انھیں ادبی حلقوں میں زبردست پذیرائی ملی۔ پہلا شعری مجموعہ ـ’’قوس‘‘ کے نام سے شائع ہوا اور دوسرے شعری مجموعے کا نما ’’بارش‘‘ ہے۔ ان دونوں شعری مجموعوں پر ادبی ایوارڈ ملے آج کا دور قحط الرجال کا دور کہلاتا ہے۔ زندگی کی اقدار عالیہ اور روایات کی زبوں حالی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ سیل زماں کے مہیب تھپیڑوں میں ماضی کا تہذیبی اور ثقافتی ورثہ بہہ گیا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی زندگی کی اجتماعی اقدار رو بہ زوال ہیں۔ سچی بات تو یہ ہے کہ اس دنیا میں سکوں محال ہے اور جہاں تک ثبات کا تعلق ہے یہ تو محض تغیر کو حاصل ہے۔ اقدار و روایات میں رو نما ہونے والے پیہم تغیر و تبدل نے تخلیقی عمل کو بھی متاثر کیا ہے۔ اسلوب بیان بھی اس سے بے نیاز نہیں رہ سکتا۔ یہ تغیر ایک فطری اور قابل فہم صورت میں سامنے آتا ہے۔ سعود عثمانی کی شاعری میں عصری آگہی کا عنصر نمایاں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قلب اور روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والی اثر آفرینی کے اعجاز سے یہ شاعری اذہان کی تطہیر و تنویر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اردو شاعری کو نیا آہنگ، تخلیقی تنوع، منفرد اسلوب، دلکش ڈسکورس، ہمہ گیر مشاہدہ، آفاقی تجربات اور حریت فکر سے متمتع کر کے سعود عثمانی نے جو اہم خدمات انجام دی ہیں وہ تاریخ ادب میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگر کر کے اس جری تخلیق کار نے جمود کا خاتمہ کرنے کی سعی کی ہے۔ اس کی تکلیقی فعالیت کے سوتے انسانی ہمدردی کے جذبات سے پھوٹتے ہیں۔
سعود عثمانی تقلید کی روش سے دامن بچاتا ہوا اپنے لیے ایک جداگانہ اور منفرد لائحہ عمل تلاش کرتا ہے۔ ادبی روایت کو وہ ایک ایسے عمل سے تعبیر کرتا ہے جو زندگی کی تمام حرکت و حرارت کا نقیب ہے۔ یہ کائنات بادی النظر میں ہنوز تشنہ تکمیل ہے۔ اس عالم آب و گل کے جملہ مظاہر سین یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ یہ جو دما دم صدائے کن فیکون سنائی دے رہی ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ خوب سے خوب تر کی جستجو کا جو سلسلہ ازل سے جاری ہے وہ ابد تک جاری رہے گا۔ ادبی روایات بھی زندگی کی تاب و تواں کی امین ہوتی ہیں۔ سعود عثمانی کی شاعری میں زندگی کی اقدار عالیہ پوری قوت، صداقت اور شدت کے ساتھ الفاظ کے قالب میں ڈھلتی چلی جاتی ہیں۔ سعود عثمانی ایک وسیع المطالعہ تخلیق کار ہے۔ اسے اچھی طرح معلوم ہے کہ زمانے میں محبت کے سوا اور بے شمار مسائل ہیں۔ اس کی شاعری میں مارکس اور اینگلز کے تصورات کا پرتو بھی ملتا ہے۔ یہ ایک تلخ اور تند حقیقت ہے نکہ معاشرتی زندگی میں معیشت اور اقتصادی مسائل نے فکر و نظر کی کایا پلٹ دی ہے۔ آج کا انسان حسیاناؤں کی زلف گرہ گیر، عشوے اور غمزے، لب لعلیں ، سیاہ چشمگی، چاہ زنخداں یا کمر سے کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔ اس کے شعور اور لا شعور کا بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ اسے سر چھپانے کو جھونپڑا اور پیٹ کا دوزخ بھرنے کے لیے نان جویں درکار ہے۔ معیشت اور اقتصادیات کے تفکرات نے اسے نڈھال کر دیا ہے۔ سعود عثمانی نے اپنی شاعری میں ادب، کلچر اور اسے متعلق مسائل مکا احوال نہایت حقیقت پسندانہ انداز میں کیا ہے۔ اس نے پاکستانی ادب اور کلچر کو تاریخی تناظر میں دیکھنے کی سعی کی ہے۔ وہ اس بات سے بہ خوبی آگاہ ہے کہ 1857کے سانحہ کے بعد یہاں کے عوام جن لرزہ خیز اعصاب شکن حالات اور قلزم خوں سے گزرے ان کے باعث یہاں تہذیبی انحطاط کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مشرقی تہذیب کی باز یافت پر توجہ دی جائے۔ کیا یہ حقیقت نہیں ہے کہ مو ہنجو دڑو، ہڑپہ، ٹیکسلا اور ماتلی کے آثار قدیمہ اس خطے کے قدیم اور عظیم کلچر کے غماز ہیں۔ سعود عثمانی اپنی مٹی پر چلنے کا قرینہ خوب جانتا ہے۔ اسے معلوم ہے کہ مغرب کی بھونڈی نقالی کی روش مہلک ہے اور اس سے تہذیبی اور ثقافتی سظح پر محرومی کے سوا کچھ نہیں ملتا۔
تخلیقی فعالیت سعود عثمانی کے ریشے ریشے میں سما گئی ہے۔ بچپن میں اسے گھر میں جو علمی وا ادبی ماحول میسر آیا اس نے اس زیرک تخلیق کار کی خداداد صلاحیتوں کو صیقل کیا۔ ایک مستعد، فعال اور صاحب بصیرت تخلیق کار کی حیثیت سے سعود عثمانی نے اپنے لیے جو طرز فغاں اختراع کی وہی آ خر کار اس کی پہچان بن گئی۔ اس کا یہ اسلوب جو شرع میں تزکیہ نفس کا ایک وسیلہ تھا بعد میں اس کی عملی زندگی کا اہم ترین حصہ بن گیا۔ اس کی تحلیل نفسی کرنے پر معلوم ہوتا ہے کہ تخلیق ادب کے بغیر وہ سانس بھی نہیں لے سکتا۔ وہ سچ کا پرستار ہے اور سچ لکھنے کے لیے اسے جو بھی ہرجانہ دینا پڑے اس کے لیے وہ ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔ ہر ظالم پہ لعنت بھیجنا اس کا شیوہ ہے۔ اس کی چاہتیں اور محبتیں انسانیت کے مدار میں سرگرم سفر رہتی ہیں۔ مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مذمت میں وہ کبھی تامل نہیں کرتا۔ وہ ٹھنڈے دل سے حالات کا تجزیہ کرتا ہے اور جب وہ کسی نتیجے پر پہنچ جاتا ہے تو تیشہ حرف سے فصیل جبر منہدم کرنے میں مصروف ہو جاتا ہے۔ اگر حلقہ احباب ہو تو اس کی نرم دلی قابل دید ہوتی ہے مگر جب استحصالی عناصر کے مکر کی چالوں کی بات ہو تو وہ شعلہ جوالا بن جاتا ہے۔ چند اشعار ملاحظہ ہوں ؛

عجیب ڈھنگ سے میں نے یہاں گزارہ کیا کہ دل کو برف کیا، ذہن کو شرارہ کیا

لوگ چکرائے ہوئے پھرتے ہیں گھر سے گھر تک
دور سے دیکھو تو ہر شہر بھنور لگتا ہے

وقت نظریں بھی پلٹ جاتا ہے اقدار کے ساتھ
دن بدلتے ہیں تو ہر عیب ہنر لگتا ہے

حجرے شکستہ دل، در و دیوار دم بہ خود آرام گاہ شاہ کے آثار دم بہ خود

کھنڈر کے ذوق نمائش پہ دنگ ہوتا ہوا
میں دیکھتا رہا ملبے پہ رنگ ہوتا ہوا

کسی کنارہ روشن کے انتظار میں لوگ مگر سفر کوئی اندھی سرنگ ہوتا ہوا

خوشیوں کی طلب نگر نگر تھی دیکھا تو سبھی کی آنکھ تر تھی

گل چیں کو خبر نہ تھی کہ خوشبو رنگوں سے جدا بھی معتبر تھی

مسلسل شکست دل کی وجہ سے اس حساس تخلیق کار کے دل پر قیامت ٹوٹ پڑتی ہے۔ ہمارا معاشرہ اس قدر ہولناک صورت اختیار کرتا چلا جا رہا ہے کہ اسے معاشرتی زندگی کے تضادات، ارتعاشات، استحسال اور شقاوت آمیز نا انصافیوں کی کوئی پروا ہی نہیں۔ ایک زندہ قوم کے لیے یہ بہت خطرناک اور برا شگون ہے۔ معاشرہ ایسے حالات میں بے حسی کا نمونہ بن جاتا ہے۔ جب کوئی معاشرہ بے حسی کی لپیٹ میں آ جاتا ہے تو اس پر ترقی، خوش حالی، فلاح اور تہذیبی ترفع کے دروازے بند ہو جاتے ہیں۔ چلتے پھرتے ہوئے مردوں سے ملاقاتیں روز کا معمول بن جاتا ہے۔ ہولناک حادثات کو دیکھ کر بھی لوگ ٹس سے مس نہیں ہوتے۔ ایک تخلیق کا ر کی جان پر دوہرا عذاب ہوتا ہے اسے ان جان لیوا حادثات کو دیکھنا بھیم ہوتا ہے اور اس کے بعد ان کے گمبھیر اثرات کے بارے میں سوچنا بھی ہوتا ہے۔ آج کے دور میں ای حساس تخلیقی فن کار کا کوئی پرسان حال نہیں۔ زندگی ایک جبر مسلسل کی صورت اختیار کرتی چلی جا رہی ہے۔ ظالم و سفاک، موذی و مکار استحصالی عناصر نے اپنے مکر کی چالوں سے عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے انسانیت کی توہین، تذلیل، تضحیک اور بے توقیری کے روح فرسا واقعات سامنے آتے ہیں۔ ایک طرف تو سقراط اور برونو(BRUNO) جیسے لوگ معاشرتی بے حسی کی زد میں آ جاتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ٹرپن(Turpin)اور بو ٹملے (Bottomley)بھی بے مہریِ عالم کے شاکی رہتے ہیں۔ دور کیوں جائیں خود ہمارے ہاں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مثال موجود ہے۔ جب بھی کوئی معاشرہ بے حسیم کا شکار ہو جاتا ہے تو احسان فراموشی اور محسن کشی کے المناک واقعات سامنے آتے ہیں۔ سعود عثمانی کی شاعری میں معاشرتی زندگی کی اس بوالعجبی کی کیفیات نہایت خلوص اور دردمندی مسے بیان کی گئی ہیں۔

شب فراق میں اک ہاتھ دل کے پاس آیا
ہجوم درد میں یہ کون دل کے پاس آیا
رتوں نے جیسے دلوں سے مطابقت کر لی
سکوں کی فصل کٹی موسم ہراس آیا
نکل چکا جو فضاؤں میں اس کا زعم دروں
غبارہ لوٹ کے اپنی زمیں کے پاس آیا

چاند آنکھوں سے رگ و پے میں اتر جاتا ہے
شب کا منظر مجھے بے خواب سا کر جاتا ہے
جب بھی یادوں کی مہک آتی ہے میں سوچتا ہوں
وقت پھولوں کی طرح کھل کے بکھر جاتا ہے
کشت ویراں کبھی سیراب نہیں ہو پاتی
جی امنڈتا ہے تو پل بھر میں ٹھہر جاتا ہے

کبھی سراب کرے گا، کبھی غبار کرے گا
یہ دشت جاں ہے میاں یہ کہاں قرار کرے گا
ابھی یہ بیج کے مانند پھوٹتا ہوا دکھ ہے
بہت دنوں میں کوئی شکل اختیار کرے گا

ایک زیرک، مستعد، فعال اور منفرد اسلوب کے حامل جری تخلیق کار کی حیثیت سے سعود عثمانی نے اپنی شاعری کے ذریعے حقائق کی صورت گری پر بھر پور توجہ دی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے اس کی شاعری محض جذبات، احسات اور تجربات کے نمدار میں سر گرم سفر نہیں رہتی بلکہ ہر لحظہ نیا طور نئی برق تجلی کے مصداق اس سے گریز کر کے اپنے لیے نیا دھنک رنگ منظر نامہ منصہ شہود پر لاتی ہے۔ اس کی شخصیت اس شاعری میں جلوہ گر نہیں۔ اس کے خیالات کا محور انسانیت کے مسائل ہیں۔ وہ خود پس منظر میں رہتے ہوئے تمام پیش منظر کی دلکش لفظی مرقع نگاری کرتا ہے اس کے صریر خامہ کو نوائے سروش کی حیثیت حاصل ہے۔ اس کی دلکش شخصیت اور سچے جذبات اس پر تاثیر انداز میں جلوہ گر ہوتے ہیں کہ قاری پر ایک وجدانی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ سارے جہاں کا درد اس یگانہ روزگار تخلیق کار کے جگر میں سمٹ آتا ہے۔ اس کا خیال ہے کہ انسانیت کے وقار اور سر بلندی کی جد جہد میں ایک با ضمیر تخلیق کار کی مقدور بھر شرکت اقتضائے وقت کے عین مطابق ہے۔ اسے تاریخ اور اس کے مسلس عمل سے گہری دلچسپی ہے۔ اس کا مطمح نظر حرف صداقت لکھنا ہے۔ حالات خواہ کوئی رخ اختیار کریں ، سعود عثمانی نے ہمیشہ حالات و واقعات کی سچی تصویر پیش کر کے جریدہ عالم پر اپنا دوام ثبت کر دیا ہے۔ سعود عثمانی کی شاعری میں کوئی ابہام کہیں نہیں پایا جاتا۔ ابہام اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ایک تخلیق کار تذبذب اور گو مگو کی کیفیت میں مبتلا ہو جائے۔ مصلحت اندیشی کو شعار بنا لیا جائے اور حرف صداقت لکھنے کے بجائے منافقت سے کام لیتے ہوئے ابن الوقت عناصر کی صف میں شامل ہو کر چڑھتے سرج کا پجاری بن کر ذاتی مفادات کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا جائے۔ اس کے اشعار میں کہیں بھی ذ و معنی الفاظ نہیں ملتے۔ وہ مطالب، مفاہیم اور مدعا کو فرغلوں میں لپیٹ کر پیش کرنے کا عادی نہیں۔ اس کی شاعری کا ایک افادی پہلو یہ بھی ہے کہ وہ اپنی شاعری کے ذریعے اس استحصالی معاشرے سے کچھ بھی حاصل کرنے کا آرزومند نہیں۔ اس کی سوچ اور خیالات اٹل ہیں۔ وہ کہیں بھی تحریص و ترغیب کی زد میں نہیں آتا۔ حریت ضمیر سے زندگی بسر کرنا اس کا شیوہ ہے۔ اس کے اشعار اس کے بلند نصب العین کے آئینہ دار ہیں۔

سفر قیام مرا خواب جستجو میری
بہت عجیب ہے دنیائے رنگ و بو میری
زمیں کی سانولی مٹی کے انتخاب سے قبل
کشش بہت تھی عناصر کو چار سو میری

کشیدہ پر کو مخالف ہوا بھی ملتی ہے
یہ وہ ہنر ہے کہ جس کی سزا بھی ملتی ہے
یہ سیپیوں کی خموشی ہے کان دھر کے سنو
سمندروں کی اسی میں صدا بھی ملتی ہے
تو جانتا نہیں مٹی کی برکتیں کہ یہیں
خدا بھی ملتا ہے، خلق خدا بھی ملتی ہے

عجب خجالت جاں ہے نظر میں آئی ہوئی
کہ جیسے زخم کی تقریب رونمائی ہوئی
برون خاک فقط چند ٹھیکرے ہیں مگر
یہاں سے شہر ملیں گے اگر کھدائی ہوئی

جب تک شاعری کے جذبے کو ایک ایسے فن کے طور پر نہ تسلیم کر لیا جائے جو کہ مکمل طور پر غیر شخصی نوعیت کا ہے اس وقت تک شاعری کی اثر آفرین کے بارے میں ابہام موجود رہے گا۔ سعود عثمانی نمود و نمائش کا قائل نہیں۔ تخلیق فن کے لمحوں میں خون بن کے رگ سنگ میں اترنا ہمیشہ اس کا نصب العین رہا ہے۔ اسکا خیال ہے کہ اس کے اشعار ہی اس کی معنوی اولاد ہیں وہ ان کے مقابلے میں دنیا کی ہر چیز بلکہ اپنی ذات کو بھی کم مایہ خیال کرتا ہے۔ اس وسیع و عریض عالم آب و گل میں فرد کی جو حیثیت ہے وہ اس سے بہ خوبی واقف ہے۔ اسے اس بات کا ادراک ہے کہ ماضی، حال اور مستقبل کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ وہ ایام گزشتہ کی کتاب کی ورق گردانی کر کے اس حقیقت کا شعور پیدا کرتا ہے کہ زمانہ حال کے تمام واقعات کے راز ماضی معدن میں پوشیدہ ہیں۔ اپنی شاعری میں اس نے ایام گزشتہ اور زمانہ حال کو اس طرح باہم مربوط کر دیا ہے کہ عصری آگہی کے تمام پہلو کھل کر سامنے آ جاتے ہیں۔ شاعر رنگیں نوا کو قوم کی دیدۂ بینا کی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ سعود صدیقی ایک زب بیدار صوفی کے مانند ہمہ وقت جاگ کر مسائل زیست کا ادراک کرتا ہے۔ اس کے اشعار مین زندگی کی حقیقی معنویت سمٹ آئی ہے۔ وہ عام لوگوں سے زیادہ دردمندی اور خلوص سے کام لیتے ہوئے مسائل زیست کے بارے میں مثبت شعور و آگہی پروان چڑھانے کی سعی کرتا ہے سعود صدیق درد آشنا بھی ہے اور حیات آشنا بھی۔ وہ اپنے افکار کی جو لانیوں سے ید بیضا کا معجزہ دکھاتا ہے اپنے دور کے حالات کے بارے میں وہ کوئی لگی لپٹی نہیں رکھتا۔

اس پیڑ کا عجیب ہی ناتا تھا دھوپ سے
خود دھوپ میں تھا سب کو بچاتا تھا دھوپ سے
ابر رواں سے آب رواں پر وہ نقش گر
منظر طرح طرح کے بناتا تھا دھوپ سے
وہ شیشہ ہنر مجھے بچپن سے یاد ہے
اک پل میں سات رنگ بناتا تھا دھوپ سے

نہ گل رہے نہ کبھی کوئی شاہ پارہ بنے
سو حق تو یہ ہے کہ اب چاک بھی دوبارہ بنے
عجیب فیصلہ تھا روشنی کے خالق کا
کہ جو دیا بھی نہیں تھا وہی ستارہ بنے
یہ کیسے لوگ ہیں مٹی کی لاٹھیوں کی طرح
نہ خود بنے نہ کسی اور کا سہارا بنے

اگر ہم سعودعثمانی کی شاعری کا تجزیاتی مطالعہ کریں تو یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ وہ موضوعات کے بارے میں محض تجریدی بیان پر انحصار نہیں کرتا۔ زندگی کے جملہ زیر و بم اور معاشرے کے تمام نشیب و فرازاس کی شاعری میں سمٹ آئے ہیں۔ نفسایتی اعتبار سے اس ذہین شاعر نے معاشرے کے ہر لمحہ بدلتے ہوئے حرکیاتی کردار کو بہ طریق احسن اپنی شاعری میں جگہ دی ہے۔ اس طرح ایک اجتماعی جذبہ فکر و نظر کو مہمیز کرتا ہے جو تخلیق کار کا امتیازی وصف قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس کی شاعری میں حقائق کی صورت گری کا جو ارفع معیار موجود ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اس کے فن میں جزئیات کا مطالعہ قابل توجہ ہے۔ وہ زندگی کے تمام موسموں کی سچی تصویر پیش کرتا ہے۔ اس کی انسان دوستی اس کی شاعری میں صاف دکھائی دیتی ہے۔ جس معاشرے میں لوٹے اور لٹیرے، مسخرے اور مفاد پرست ہر وقت ضمیر فروشی کے لیے ادھار کھائے بیٹھے ہوں وہاں عزت نفس کا تصور عین عبث ہے۔ سعود عثمانی نے اس الم ناک صور حال کے بارے میں لکھا ہے۔

ہر شخص وہاں بکنے کو تیار لگے تھا
وہ شہر سے بڑھ کر کوئی بازار لگے تھا
ویرانی کا مسکن ہے بلا شرکت غیرے
وہ قصر جہاں شاہ کا دربار لگے تھا

بادل کی طرح رنج فشانی کریں ہم بھی
شاید کبھی اس آگ کو پانی کریں ہم بھی

بس ایک سلسلہ بیش و کم لگا ہوا ہے وگرنہ سب کو یہاں کوئی غم لگا ہوا ہے

سعود عثمانی نے جس فنی مہارت سے کام لیتے ہوئے زندگی اور اس کی معنویت کے بارے میں نئے تصورات کی جستجو کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ یہ شاعری قاری کو حریت فکر، حریت ضمیر سے جینے اور آزادیِ اظہار کے متعلق ایک منفرد پہلو سے آشنا کرتی ہے۔ سعود عثمانی نے ان تمام عوامل کی نشان دہی کی ہے جو ہو چکے ہیں یا جن کا واقع پذیر ہونا بعید از قیاس نہیں۔ اسے اس بات کا شدت سے احساس ہے کہ کہ نئی نسل کو بے حسی نے نا اہلی، کام چوری اور تن آسانی کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ ا المیہ یہ ہوا ہے کہ نئی نسل کے دل سے احساس زیاں عنقا ہو گیا ہے۔ اس کے دیدہ و دل کو جن مراحل سے گزرنا پڑا ہے ان کا احوال اس نے پوری دیانت داری سے بیان کیا ہے۔ اسے اس بات کا قلق ہے کہ حالات نے ایسا رخ اختیار کر لیا ہے کہ نہ تو سحر کے کوئی آثار دکھائی دیتے ہیں اور نہ ہی زندگی کی کوئی آس رہ گئی ہے۔ ان حالات میں مجبور، مظلوم اور بے بس انسانوں کی کوئی امید بر نہیں ا اٹی اور نہ ہی اس گرداب سے بچ نکلنے کی کوئی صور ت نظر آتی ہے۔ شہر ستم میں وصل خزاں کے بعد جانگسل تنہائی ہمارا مقدر ہے۔ سعود عثمانی ہمارے عہد کا ایک نمائندہ شاعر ہے جس نے ہوائے جورو ستم میں بھی رخ وفا کو فروزاں رکھا ہوا ہے اس شہر خفتگاں میں اس کی شاعری صحرا کی اذان کے مانند ہے۔ اس کے سخن میں وہ حسن بیان ہے کہ پتھروں سے اپنی تاثیر کا لوہا منوا لیتی ہے۔ اس جری شاعر نے اپنی شاعری کے ذریعے ایک اجتماعی سوچ کو پروان چڑھایا ہے جس کے معجز نما اثر حسیات انسانی کی لاشعوری کیفیات، مسائل زیست کی اس انداز میں مرقع نگاری کی گئی ہے کہ قاری بے اختیار پکار اٹھتا ہے کہ اے مصور تیرے ہاتھوں کی بلائیں لے لوں۔ اس شاعری کی اہم ترین خوبی یہ ہے کہ اس میں تہذیبی ترفع پر توجہ دی گئی ہے۔ زندگی کی اہمیت، انسانی ہمدردی کی افادیت اور اجتماعی شعور کی بیداری کے بارے میں سعود عثمانی کا لہجہ ایک منفرد انداز میں سامنے آیا ہے۔ اس سے مستقبل میں متعدد نئے امکانات وابستہ ہیں۔ مقصد یہ کہ، دلچسپی اور افادیت سے لبریز اس شاعری کا مستقبل بہت روشن ہے۔ مجھے یقین ہے قارئین ادب اس شاعری سے مسرت حاصل کریں گے۔
٭٭٭

ڈاکٹر شکیل احمد خان :ایک با کمال افسانہ نگار

اردو افسانے نے سید سجاد حیدر یلدرم سے ڈاکٹر شکیل احمد خان تک جو ارتقائی سفر طے کیا ہے اس پر ایک نظر ڈالنے سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ ہر دور میں اردو افسانے نے حقیقت نگاری اور فطرت نگاری کی وجہ سے اپنی مقبولیت کو قائم رکھا۔ وہ تمام افسانہ نگار جنھوں نے زندگی کے تلخ حقائق کو موضوع بنایا اور زندگی کے تضادات، ارتعاشات اور کجیوں کے خلاف کھل کر لکھا، قارئین نے ان کے اسلوب کو سراہتے ہوئے ان کی زبردست پذیرائی کی۔ آج تک ان کا نام شہرت عام اور بقائے دوام حاصل کر چکا ہے۔ اردو افسانے نے موجودہ دور تک آتے آتے ایک مضبوط اور مستحکم روایت کی صورت اختیار کر لی ہے۔ اس روایت کو حقیقت نگاری اور فطرت نگاری سے ایک ولولہ ء تازہ نصیب ہوا۔ وہ افسانہ نگار جنھوں نے اپنے اسلوب کو حقیقت نگاری اور فطرت نگاری کی اساس پر استوار کیا ان کے اشہب قلم کی جولانیوں سے اس صنف ادب میں افکار تازہ کے معجز نما اثر سے جہان تازہ تک رسائی کے امکانات روشن تر ہوتے چلے گئے۔ فصیل جبر کو تیشہ ء حرف سے منہدم کرنا ان افسانہ نگاروں کا مطمح نظر رہا۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ڈاکٹر شکیل احمد خان جو خود ایک ماہر تعلیم، نقاد، محقق اور سوانح نگار کی حیثیت سے بلند مقام رکھتے ہیں، اردو افسانے کے ارتقا کی روایت کے تسلسل میں گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حال ہی میں ان کا افسانوی مجموعہ ’’خواب اور طرح کے ‘‘ ادارہ مطبوعات لوح ادب، حیدر ا ٓباد کے زیر اہتمام شائع ہوا ہے۔ اس افسانوی مجموعے میں ان کے وہ تمام افسانے شامل ہیں جو انھوں نے گزشتہ تین عشروں میں لکھے اور جو مختلف ادبی مجلات میں شائع ہوتے رہے۔ اس افسانوی مجموعے میں انیس (19)افسانے شامل ہیں۔ اس افسا نوی مجموعے کی اشاعت سے اردو کے افسانوی ادب کی ثروت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ ایک رجحان ساز ادیب کی حیثیت سے ڈاکٹر شکیل احمد خان نے ہر صنف ادب میں اپنی کامرانیوں کے جھنڈے گاڑ رکھے ہیں۔ ان کی ادارت میں شائع ہونے والا وقیع اور مقبول ادبی مجلہ ’’لوح ادب ‘‘1998سے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد خان ایک وسیع المطالعہ ادیب ہیں۔ ان کی تخلیقی کامرانیوں کا ایک عالم معترف ہے۔ اب تک ان کی آٹھ تصانیف شائع ہو چکی ہیں۔ ان بلند پایہ تصانیف میں صادق دہلوی :شخصیت اور فن (1996)، شاکس آفٹر شاک (2006)، مطالعہ عشقی (2007)، پہاڑ لوگ (2010)، چنیدہ شنیدہ (2010)، شرر کا انشائی ادب (2010)، منہ شگافیاں (2011)، خواب اور طرح کے (2012) شامل ہیں۔ ان کتابوں کی اشاعت کے بعد ان کا نام پاکستان کے ان ممتاز ادیبوں میں شامل ہو گیا ہے جنھوں نے اپنے خون دل سے گلشن ادب کو نکھارنے کی مقدور بھر سعی کی۔ سماجی زندگی میں خیال کی لغزش ہو یا نگاہ کی ٹھو کر دونوں کا ڈاکٹر شکیل احمد خان کے اشہب قلم کی جولانیوں سے نہایت گہرا تعلق ہے وہ ان ہی واقعات سے اپنے افسانوں کے موضوعات حاصل کرتے ہیں۔ جب ہم ماضی کی رتھ پر پلٹ کر نگاہ دوڑاتے ہیں تو رکتے فرس، کڑکتی مسافتیں، اور ابلق ایام کی کھنچی باگیں آئینہ ایام میں ہمیں اپنی ادا دیکھنے پر آمادہ کرتی ہیں۔ تاریخ اور اس کے مسلسل عمل پر کڑی نظر رکھنے والے حریت فکر کے اس مجاہد نے بڑے زوروں سے اپنی تخلیقی فعالیت کا اثبات کیا ہے۔ قحط الرجال کے موجودہ دور میں جب ہر شخص اپنی ہو ا میں سر مستی کے عالم میں محو خرام ہے۔ اس اعصاب شکن ماحول میں شہر نا پرساں کے پس ماندہ، مظلوم، بے بس اور لاچار انسانوں کی چشم تر پر ہمدردانہ نگاہ ڈال کر ڈاکٹر شکیل احمد خان نے جس طرح ید بیضا کا معجزہ دکھایا ہے وہ ان کی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ڈاکٹر شکیل احمد خان کے افسانے حقائق کا صحیح ا حساس و ادراک کرنے کی ایک عمدہ کاوش ہیں۔ انھوں نے جبر کے ہر انداز پر گرفت کی۔ انھوں نے اپنے حقیقت پسندانہ اسلوب سے اردو افسانے کو آفاق کی وسعت سے آشنا کیا۔ حقیقت نگاری کی اصطلا ح وسیع مفہوم کی حامل ہے۔ ادب اور فن کید نیا میں حقیقت سے مراد یہ لیا جاتا ہے کہ حالات و واقعات کا جیسے کہ وہ فی الحقیقت ہیں انھیں من و عن پیش کیا جائے۔ حقائق کی لفظی مرقع نگاری کرتے وقت صداقتوں کو ہر حال میں پیش نظر رکھا جائے اور لفظ کی حرمت پر آنچ نہ آنے دی جائے۔ زندگی کے مسائل اپنے اندر مختلف النوع رویوں کو لیے ہو تے ہیں۔ ان رویوں کا صحیح تناظر میں مطالعہ کر نا اور بے مقصد توجیہات مثلاً خیر کو شر پر اور جمال کو بد صورتی پر غالب کر نا، جیسے فرسودہ انداز کو ترک کر نا ہی حقیقت نگاری کی اصل روح ہے۔ حقیقت کو ئی جامد چیز نہیں ہے۔ ہر خارجی حقیقت اپنے اندر جذبات و احساسات کا خزینہ لیے ہوئے ہو تی ہے۔ واقعتاً حقیقت ماضی، حال اور مستقبل کے بارے میں جس رویے کی مظہر ہو تی ہے اس کا تعین کر نا فن کار کا اولین فریضہ ہے۔ حقیقت جس انفرادی تحریک کی آئینہ دار ہو تی ہے۔ اس سے آگاہی از بس ضروری ہے۔ حقائق کا شعور فکر کو مہمیز کر کے ا س نتیجے تک پہنچنے میں ممد و معاون ثابت ہوتا ہے کہ اس وسیع و عریض عالم آب و گل میں زندگی کی برق رفتاریاں کیا گل کھلا رہی ہیں۔ زندگی کے تلخ و تند حقائق اور حادثات و سانحات کس انداز سے پیہم تغیرات و ارتقا کے جانگسل لمحات اور جان لیوا صدمات کے مراحل طے کرنے کے بعد موجودہ صورت میں متشکل ہو پائے ہیں۔ بادی النظر میں حقیقت کے احساس و ادراک کے بڑے مثبت نتائج سامنے آتے ہیں لیکن حقیقت کے ادراک اور اس کے اثرات کے بارے میں آگہی کا موجودہ تصور کئی صدیوں کے فکری سفر پر محیط ہے۔ تاریخ ادب کے مطالعہ سے یہ معلوم ہوتا ہے حقیقت نگاری کی اصطلاح انیسویں صدی کے اوائل میں سامنے آئی، لیکن بہ حیثیت ایک صفت حقیقت نگاری کے بارے میں آگہی کا احساس سولہویں صدی میں بھی موجود تھا۔ اس زمانے میں بھی لوگ حقیقت پسندی کو مستحسن خیال کرتے تھے۔ عالمی ادب میں فرانسیسی ناول نگار فلابیر (Gustave Flaubert)جس کا عرصہ حیات (1821-1880)ہے، کو ادب میں حقیقت نگاری کا بانی خیال کیا جاتا ہے۔ اس کا ناول مادام بواری (Madame Bovary)جو 1857میں شائع ہوا حقیقت نگاری کا اعلیٰ معیار پیش کرتا ہے۔ اردو ادب میں سر سید احمد خان اور ان کے نامور رفقائے کار نے حقیقت نگاری کی جو شمع فروزاں کی اس کے اعجاز سے سفاک ظلمتوں کا کافور کرنے میں مدد ملی۔ مافوق الفطرت عناصر کے بارے میں تخیل کی جولانیاں دکھانے کا زمانہ اب بیت گیا۔ توہمات کے پس پردہ ضعیف الاعتقادی، بے بصری اور کور مغزی کے تکلیف دہ عناصر کار فرما ہوتے ہیں۔ حقیقت نگاری اپنی اصلیت کے اعتبار سے تعقل پسندی کا ثمر ہے۔ حقیقت نگاری کے سوتے سائنسی انداز فکر سے پھوٹتے ہیں۔ اردو افسانے میں حقیقت نگاری کا تاریخی تناظر میں جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسے ہر دور میں پذیرائی ملی۔ اس سلسلے میں پریم چند کا افسانہ ’’کفن ‘‘بہت اہمیت کا حامل ہے۔ جن افسانہ نگاروں نے اپنے اسلوب میں حقیقت نگاری کو جگہ دی ان میں میرزا ادیب، سعادت حسن منٹو، کرشن چندر، احمد ندیم قاسمی، قرۃ العین حیدر، خدیجہ مستور، عصمت چغتائی اور ممتاز مفتی کے نام قابل ذکر ہیں۔ ڈاکٹر شکیل احمد خان نے اردو افسانے میں حقیقت نگاری کی مضبوط اور مستحکم روایت کو اپنے افسانوی مجموعے ’’خواب اور طرح کے ‘‘ میں نہایت خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا ہے۔ اس افسانوی مجموعے کو جدید اردو افسانے میں ایک منفرد تجربے کی حیثیت حاصل ہے۔ اس تجربے کے اردو افسانے کے فروغ پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
ڈاکٹر شکیل احمد خان نے ہمیشہ حق گوئی اور بے باکی کو شعار بنایا ہے۔ وہ حریت فکر کے مجاہد ہیں اور حریت ضمیر سے جینے کے لیے انھوں نے ہمیشہ حرف صداقت لکھنے کو اپنا نصب العین بنایا ہے۔ وہ الفاظ کو فرغلوں میں لپیٹ کر پیش کرنے کے سخت خلاف ہیں۔ ان کے افسانے ان کی بے باکی اور خیالات کی تونگری کے مظہر ہیں۔ ان کی لفظی مرقع نگاری اس قدر عمدہ ہے کہ قاری چشم تصور سے تمام صورت حال کے بارے میں آگہی حاصل کر لیتا ہے۔ سراپا نگاری میں انھیں جو مہارت حاصل ہے وہ قابل توجہ ہے۔ افسانہ’’ دعویٰ‘‘ میں وہ ایک کردار ’’شریفو ‘‘ جسے ایک مرد للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہا ہوتا ہے، کے بارے میں لکھتے ہیں :
’’چادر سے بے نیاز ہونے کے سبب آج اس کا ایک ایک انگ نمایاں نظر آ رہا تھا۔ روتے روتے جب اس نے اپنا دوپٹہ منہ پر رکھا تو اس کی فیگر مزید واضح ہو گئی۔ اسمارٹ بننے کی آرزو مند میری بیوی کے دیے ہوئے کپڑے اس کے بھرے بھرے بدن پر تنگ ہونے کی وجہ سے کئی جگہ سے مسک گئے تھے جہاں سے جسم کی دودھیا رنگت بدلی کی اور سے چاندنی کے مانند جھلک رہی تھی۔ ‘‘
افسانہ دعویٰ اس اعتبار سے بھی حقیقت پسندانہ سوچ کا اعلیٰ معیار پیش کرتا ہے کہ اس میں کواکب کی حقیقی صورت سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ کواکب جیسے دکھائی دیتے ہیں ویسے ہوتے نہیں۔ شریفو ایک غریب ملازمہ ہے لیکن وہ اپنے اکلوتے بچے کے آپریشن کے لیے رقم کے لیے اپنی عزت کو نیلام کرنے سے انکار کر دیتی ہے۔ اس افسانے کی بیگم صاحب ایک بے ضمیر عورت ہے اس کا شوہر جس طرح اس کی اور اپنی پاکیزگی کا دعویٰ کرتا ہے اور اس قدر بے معنی، کھوکھلا اور جھوٹا ہے کہ جلد ہی اس کا راز طشت از بام ہو جاتا ہے جب شریفو اپنی مالکن کو ایک آشنا کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں رنگ رلیاں مناتے ہوئے دیکھ لیتی ہے۔ اپنے آخری خط میں شریفو اپنے مالک اور صاحب خانہ کو جو خط لکھتی ہے وہ جہاں چشم کشا صداقتوں سے لبریز ہے وہاں بگلا بھگت اور نا نہاد سفید پوشوں کے لیے تازیانہ ء عبرت بھی ہے۔ کاش وہ اس افسانے کے ذریعے یہ جان سکیں کہ غریب کی عزت بھی اس کے لیے بہت اہم ہے۔ افسانہ نگار نے یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے بگڑے ہوئے عیاش امرا کو اپنے گھر کی جانب بھی توجہ کرنی چاہیے کہ وہاں جنس کی بہتی گنگا میں کون ہاتھ دھو نے میں مصروف ہے۔
’’روپوں کا انتظام در اصل آپ ہی کے گھر سے ہو گیا تھا۔ میں شام کو بیگم صاحب سے ملنے جب ان کے بیڈ روم میں گئی اور جو کچھ میں نے وہاں دیکھا، اس کو چھپانے اور گھر چھوڑنے کی قیمت آپ کے قریبی دوست عامر صاحب نے چکا دی تھی۔ ‘‘
افسانہ دعویٰ اس قدر سنسنی خیز ہے کہ قاری انگشت بہ دنداں رہ جاتا ہے۔ افسانہ نگار نے کرداروں، کہانی اور اس کے اتار چڑھاؤ پر اپنی گرفت شروع سے آخر تک مضبوط رکھی ہے۔ مالک مکان اس کی بیوی اور مالک مکان کے دوست کا قبیح کردار اور گھناؤنے عزائم کو ایک غریب ملازمہ شریفہ نے بے نقاب کر دیا۔ اس معاشرے میں ہر رنگ پھیکا ہے جو ذرا سا چھو لینے پر اتر جاتا ہے۔ جو فروش گندم نما عناصر کے مکر کا پردہ جس مہارت سے ان افسانوں میں فاش کیا گیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ یہ افسانہ اپنی مجموعی تاثیر کے لحاظ سے قاری کو جھنجھوڑتا ہے کہ عزت تو ہر ایک کی ایک جیسی ہوتی ہے اس میں امیر اور غریب کو سرے سے کوئی امتیاز نہیں کیا جا سکتا۔ صرف مفلسی ہی ضمیر فروشی پر مجبور نہیں کرتی بل کہ اس حمام میں سب کے سب ننگے ہیں۔
ڈاکٹر شکیل احمد خان نے معاشرتی زندگی کے جملہ مسائل، عوارض اور قباحتوں کو اپنے افسانوں کے ذریعے ہدف تنقید بنایا ہے۔ اپنے افسانے ’’نصیب جلی ‘‘میں انھوں نے بے جوڑ شادیوں اور وٹے سٹے کے مسموم اثرات کو موضوع بنایا ہے۔ اس افسانے کا کردار ’’نصیبو‘‘ مظلومیت کی تصویر ہے۔ اس کا باپ اس کا ہاتھ ایک ناکارہ نوجوان کو تھما کر بدلے میں اس کی بہن سے بیاہ رچا لیتا ہے۔ بڑھاپے میں بھی اس شخص کی ہوش ٹھکانے نہیں اور یہ اپنی بیٹی کے ارمانوں کی لاش پر رقص ابلیس کا منظر پیش کرتا ہے۔ سسرال پہنچ کر نصیبو کی جان پر دوہرا عذاب ہے ایک تو شوہر کی آوارگی اور بے توجہی اور اس پر مستزاد سسر کی ہوس اور جنسی جنوں جو سینگ کٹا کر بچھڑوں میں شامل ہو گیا ہے اور اپنی ہی بہو کے سینے پر ہاتھ رکھ کر اسے جنسی ہوس کا نشانہ بنانا چاہتا ہے۔ نصیبو کا کوئی پرسان حال نہیں۔ یہاں تک کہ اس کا شو ہر بھی بے ضمیر اور بے غیرت ہے جو اس کو بری طرح زد و کوب کرتا ہے اور یہ حکم دیتا ہے ’’یہ شادی میں نے اپنی مرضی سے نہیں بابا سائیں کی مرضی سے کی تھی۔ تیری حرکت کی وجہ سے وہ مجھے روپیہ نہیں دے رہے ہیں، مجھ پر بھیر حم کر اور خود پر بھی رحم کھا، جو وہ کہیں کر لے ورنہ کاری بنا کر مروا دیں گے ‘‘بوڑھا کھوسٹ سسر اپنی ہر بہو کے ساتھ یہی سلوک کرتا ہے اور ڈھٹائی اور بے حیائی سے اپنی ہر بہو کی عزت لوٹ کر لذت ایذا حاصل کرتا ہے۔ اس افسانے کا انجام لرزہ خیز اور اعصاب شکن ہے جب بد قسمت نصیبو نے حالات سے شکست کھا لی اور اپنا جسم ڈھیلا چھوڑ دیا اور رات کی تاریک میں اس تک پہنچنے والے مرد کو پہچاننے کی کوشش ہی نہیں کی۔ مسلسل شکست دل کے باعث جو بے حسی پید ا ہو جاتی ہے اس کا حقیقت پسندانہ احوال اس افسانے میں بیان کیا گیا ہے۔ اس افسانے میں جہاں مرد کی درندگی، بے رحمی اور جنسی جنون کو حقیقی انداز میں پیش کیا گیا ہے وہاں عورت کی مظلومیت کو بڑی درد مندی اور خلوص سے پیش کیا گیا ہے۔ ان کے اسلوب کے اعجاز سے قاری ان تمام کرداروں کو ان کے اصلی روپ میں دیکھ کر شدت کرب سے نڈھال ہو جاتا ہے۔ اسے یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ بھی ان مظلوم خواتین پر توڑے جانے والے کوہ ستم پر اپنا کوئی رد عمل ظاہر نہیں کر سکا اور ظالموں کے قبیح کردار کے خاتمے میں اس نے کوئی کام نہیں کیا۔ افسانہ نگار کاکمال یہ ہے کہ وہ قاری کو سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ اس قدر جان دار، متنوع اور پر تاثیر کہانیاں پڑھ کر قاری کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جاتی ہیں۔ وہ بے اختیار پکار اٹھتا ہے کہ اس مقتل وقت میں اس پر بھی اک کاری ضرب لگائی جائے تا کہ وہ ان مظالم کو دیکھ کر مزید سسکنے، تڑپنے اور کڑھنے سے نجات حاصل کر سکے۔
پاکستان کے دیہی علاقوں میں معاشرتی زندگی اب بھی پتھر کے زمانے کا ماحول پیش کرتی ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد خان نے اپنے افسانوں میں دیہی علاقوں کی سماجی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار کے بارے میں نہایت بے باکی سے اظہار خیال کیا ہے۔ موضوعات کی جدت، اسلوب کے تنوع اور خیالات کی انفرادیت نے ان افسانوں کو فن کی بلندی تک پہنچا دیا ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد خان نے ہماری معاشرتی زندگی کے تمام نشیب و فراز کا احاطہ کیا ہے۔ انھوں نے معاشرتی زندگی کے معائب کو سامنے لانے میں کبھی تامل نہیں کیا۔ اپنے اصلاحی اور تعمیر ی اسلوب کو رو بہ عمل لاتے ہوئے انھوں نے حالات میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کی جانب متوجہ کیا ہے۔ ہماری درخشاں روایات اور اقدار کو بدلتے ہوئے حالات اور مادی دور کی لعنتوں نے شدید ضعف پہنچایا ہے۔ دنیا کے تمام مہذب ممالک میں اس امر پر بھر پور توجہ دی جاتی ہے کہ معاشرتی زندگی میں سکون اور مسرت کے فراواں مواقع پیدا کیے جائیں۔ مادی ترقی کے ساتھ ساتھ زندگی کی اقدار عالیہ کو پروان چڑھانے پر بھی بھر پر توجہ دی جاتی ہے۔ تخلیق ادب کے حوالے سے یہ اقدار قومی کلچر کی آئینہ دار ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر شکیل احمد خان نے اپنے افسانوں میں پاکستان کے قومی کلچر کے نازک معاملات پر قلم اٹھایا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی معاشرے میں سرایت کر جانے والے تضادات اور بے اعتدالیوں کے بارے میں عوامی شعور و آگہی کو بیدار کیا جائے اور مظلوم انسانیت کے مسائل کے حل کی جانب توجہ دی جائے۔ اس افسانوی مجموعے کے آغاز میں انھوں نے احمد فراز کا یہ شعر لکھا ہے جو موجودہ دور کے اعصاب شکن حالات کی صحیح ترجمانی کے لیے کافی ہے :
اب لوگ جو دیکھیں گے تو خواب اور طرح کے
اس شہر پہ اتریں گے عذاب اور طرح کے
اپنے افسانے ’’نصیب جلی ‘‘میں ڈاکٹر شکیل احمد خان نے اس منفی سوچ کو ہدف تنقید بنایا ہے جس کے تحت جاہل والدین بیٹی کی پیدائش پر شرمندگی محسوس کرتے ہیں اور بیٹی کی موت کی تمنا کرتے ہیں۔ اس قسم کی ظالمانہ سوچ اسلام سے قبل بھی تھی۔ اسلام نے اس ظالمانہ انداز فکر پر کاری ضرب لگائی مگر حیف صد حیف کہ آج بھی ایسے درندے موجو دہیں جو اپنی ہی بیٹی کی پیدائش پر اس قسم کے ظالمانہ جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔ جب نصیبو کا بھائی پیدا ہوتا ہے تو اس کا باپ خوشی سے پھولا نہیں سماتا اور مبارک باد دینے کے لیے آنے والی عورتوں میں بانٹنے کے لیے مٹھائی لاتا ہے۔ خوشی کے اس موقع پر نصیبو اپنے باپ سے یہ پوچھتی ہے کہ جب وہ پیدا ہوئی تھی تو اس نے کیا بانٹا تھا۔ اس سوال کے سنتے ہی نصیبو کا باپ آگ بگولا ہو گیا اور اس کے اندر کا تعصب، عناد اور بیٹی کے بارے میں نفرت کے جذبات ان الفاظ میں اس کے منہ سے نکلے۔ سچ ہے کہ بے حس مردہ کفن پھاڑ کر یوں گویا ہوا۔ مکالمہ نگاری میں ڈاکٹر شکیل احمد خان نے اپنی فنی مہارت کی دھاک بٹھا دی ہے۔
’’ زہر بانٹا تھا زہر، میرا بس چلتا تو تم دونوں ماں بیٹی کو اسی وقت زہر دے کر ہمیشہ کے لیے موت کی نیند سلادیتا۔ تیرے پیدا ہونے پر ساری گوٹھ میں میرا سر شرم سے جھک گیا تھا۔ ‘‘
حق گوئی اور حقیقت نگاری کا یہ انداز ڈاکٹر شکیل احمد خان کے اسلوب کا نمایاں ترین پہلو سامنے لاتا ہے۔ ایک زیرک تخلیق کار کی حیثیت سے انھوں نے فسطائی جبر کے اس انداز پر کاری ضرب لگائی ہے۔ ان کے اس بے لاگ انداز تحریر سے جبر کے کریہہ چہرے سے نقاب اتار پھینکنے میں مدد ملی ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد خان نے ہمیشہ ان روایات کی ترجمانی کی ہے جو حریت ضمیر، حق و صداقت، خلوص و دردمندی، بے لوث محبت اور حسن و جمال کی امین ہوں۔ ان کی تحریر میں اسلوب کی مسحور کن کیفیت حیات افزا اور حیات بخش اقدار کو پروان چڑھانے میں بے حد معاون ثابت ہوتی ہے۔ ان کے افسانوں میں ان کی بصیرت ایک کلیت کی شکل میں جلوہ گر ہے اور قاری کے ذہن پر یہ کلیت دور رس اثرات مرتب کرتی ہے۔ وہ زندگی سے فرار کے سخت خلاف ہیں بل کہ وہ تو یہ چاہتے ہیں کہ زندگی کے تضادات، شقاوت آمیز نا انصافیوں اور جبر کے باوجود ہر حال میں زندگی کے حسن کو نکھار عطا کیا جائے اور ہر صورت میں زندگی کے اثبات کو یقینی بنایا جائے۔ افسانہ ’’خواب اور طرح کے ‘‘موضوع کی ندرت اور تخیل کی جولانی کے اعتبار سے بہت اچھوتا افسانہ ہے۔ اس نوعیت کے افسانے اردو ادب میں بہت کم لکھے گئے ہیں۔ اس افسانے میں ایک معمر خاتون ہے جو کہ اللہ دین کی دادی ہے۔ یہ دونوں کردار زندگی کی حقیقی معنویت کو جس طرح اجاگر کرتے ہیں، وہ قاری کے لیے عبرت کا سامان ہے۔ اللہ دین سوال کرتا ہے کہ اہل وطن کو لڑانے کے شیطانی کام کے پس پردہ کو ن سی قوت ہے ؟۔ اس کے جواب میں دادی اماں کہتی ہے :’’شیطان کا تو نام بد نام ہے۔ انسان اس سے دو ہاتھ آگے نکل گیا ہے۔ ‘‘اسی رات اللہ دین ایک بہت ڈراؤنا خواب دیکھتا ہے یہی خواب ایک مختلف نوعیت کا خواب ہے جسے سن کر دادی اماں اس کو اپنے سینے سے لگا کر تسلی دیتی ہے۔ اپنا خواب بیان کرتے ہوئے اللہ دین کہتا ہے ’’میں نے انسانوں کو شیطانی صورت میں اور شیطان کو نیکی کے راستے پر چلتا دیکھا ہے۔ ‘‘افسانے میں نقد حیات کا یہ انداز ڈاکٹر شکیل احمد خان کے اسلوب کی انفرادیت کی دلیل ہے۔ ان کے افسانے حسن و رومان اور تفنن و تفریح کے بجائے اصلاح اور مقصدیت سے لبریز ہیں۔ اردو افسانے کی یہ جہت قابل توجہ ہے۔ سچائی، دلیری، بے باکی اور حریت فکر و عمل کایہ منفرد روپ ڈاکٹر شکیل احمد خان کے اسلوب کہ جو ہمہ گیری عطا کرتا ہے وہ اس کی آفاقیت کا ثبوت ہے۔
’’خواب اور طرح کے ‘‘’’ایک ایسا افسانوی مجموعہ ہے جس میں مصنف نے مواد اور ہیئت کے دلکش اور پر تاثیر امتزاج سے اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا ہے۔ مصنف نے فہم و ادراک، جذبات واحساسات، فکر و خیال اور تکنیک کے حوالے سے اس افسانوی مجموعے میں جو دھنک رنگ منظر نامہ پیش کیا ہے وہ قاری کو متوجہ کرتا ہے کہ یہ تمام مسائل تو اس کے اطراف و جوانب میں وقوع پذیر ہو رہے ہیں۔ ان تمام افسانوں کو معاشرے کے حقیقی مسائل کی عکاسی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ ان افسانوں میں مصنف کے ذہن و ذکاوت اور خلوص و دردمندی کی جھلک صاف دکھائی دیتی ہے۔ ہر افسانے میں ڈاکٹر شکیل احمد خان کا دبنگ لہجہ اور پر خلوص شخصیت کا پر تو دکھائی دیتا ہے۔ یہ افسانے ایک طرف تو مصنف کے ذاتی تجربات، مشاہدات اور تجزیات کی عکاسی کرتے ہیں تو دوسری طرف ان کی مدد سے مصنف کے عہد، معاشرے اور خود مصنف کی شخصیت کی تفہیم میں بھی ان سے مدد ملتی ہے۔ ان افسانوں میں مصنف نے تمام جزئیات کو بڑی دردمندی کے ساتھ الفاظ کے قالب میں ڈھالا ہے۔ اس طرح انسانی جذبات کی حقیقی کیفیت کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے۔ یہ افسانے معاشرتی زندگی اور سماجی عوامل کے بارے میں ایک مثبت اور قابل عمل انداز فکر کے امین ہیں۔ یہاں مناسب ہو گا کہ چند اور افسانوں کے متعلق مختصر تجزیاتی سطور سے اسلوبیاتی محاسن کی تحسین پر توجہ دی جائے تا کہ فنی استحسان کو یقینی بنایا جا سکے۔
افسانہ ’’سوتیلی ماں ‘‘ایک انوکھی سوچ کا مظہر ہے۔ مصنف نے سوتیلی ماں کے بارے میں صدیوں سے پائی جانے والی اس غلط فہمی کو دور کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ ہمیشہ اپنی سوتیلی اولاد کے ساتھ نفرت اور حقارت پر مبنی سلوک کرتی ہے۔ اس افسانے کی مرکزی کردار مریم ہے جو کہ اپنی سوتیلی بیٹی شمائلہ کی جان بچانے کے لیے اپنی عزت ایک بد معاش سکندر کے قدموں میں ڈھیر کر دیتی ہے۔ اس کہانی میں مریم کی بے بسی قاری کو خون کے آنسو رلاتی ہے۔ قحط الرجال کے موجودہ دور میں معاشرتی زندگی میں بے حسی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ انسانیت کی توہین، تذلیل اور بے توقیری کرنے والے سکندر جیسے درندے دندناتے پھرتے ہیں اور ان کی ایذارسانیوں سے بچنے کی کوئی صورت نظر نہیں آتی۔ افسانہ ’’سودا‘‘میں ایک ایسے پارسا اور متقی انسان کی زندگی کی بے بسی کا احوال بیان کیا گیا ہے جو اپنے پریشان کن حالات سے تنگ آ کر استحصالی مافیا سے امداد لینے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ وہ جو سودا کرتا ہے وہ سراسر خسارے کا سودا ہے مگر اس کی بے بسی اور مجبوری اسے یہ زہر کھانے پر مجبور کر دیتی ہے اور طویل عمر کے زہد و تقویٰ، تپسیا اور عبادت و ریاضت کو ترکہ وہ مفاد پرست اور ابلیس نژاد عناصر کے ہاتھوں میں کٹھ پتلی بن جاتا ہے۔ اپنی بیٹیوں کے ہاتھ تو مرزا صاحب نے پیلے کر دیے مگر تقدیر نے ان کو جو کچوکے لگائے ان سے روح زخم زخم اور دل کرچی رچی ہو گیا۔ افسانہ ’’دعا‘‘ ایک اور دل دہلا دینے والے واقعے کی جانب متوجہ کرتا ہے۔ اس افسانے میں ایک نوجوان لڑکی لالچی سسرال کی ہوس زر کے ہاتھوں اس قدر عاجز آ جاتی ہے کہ پر اسرار طور پر شادی سے قبل ہی اپنی زندگی کی شمع بجھا لیتی ہے۔ اس افسانے میں نو جوان لڑکی کے باپ کا کردار سراپا ایثار ہے۔ وہ بیٹی کی زندگی کو پر سکون بنانے کی دعا کرتا ہے مگر اس کی دعا میں کوئی اثر نہیں۔ اس کی زندگی غم کے جان لیوا افسانے میں بدل جاتی ہے اور وہ باپ جس نے بیٹی کے سکھ کی خاطر دوسری شادی نہ کی، زندہ درگور ہو جاتا ہے۔ افسانہ’’ احساس ‘‘سوچ کے بدلتے ہوئے رخ پیش کرتا ہے۔ اس افسانے میں مصنف نے محبت کے جذبات اور خلوص پر مبنی تعلقات کو ایک نئے انداز سے پر کھا ہے۔ وفا کے موتی تو بہ ہر حال خرابوں ہی سے دستیا ب ہوتے ہیں۔ افسانے کا ایک کردار سہیل ہے جسے اس کی ماڈرن اور فیشن ایبل بیوی چھوڑ کے چلی جاتی ہے اور اس سے مستقل طور پر علیحدگی اختیار کر لیتی ہے۔ ان جانگسل تنہائیوں میں لیلیٰ اس کا سہارا بنتی ہے جو کہ ایک غریب ملازمہ ہے۔ لیلیٰ کا باپ اپنی بیٹی کا ہاتھ سہیل کے ہاتھ میں دیتے ہوئے محبت کے جذبات کی جس انداز میں وضاحت کرتا ہے وہ نہ صرف حقیقت پسندانہ ہے بل کہ چشم کشا بھی ہے۔ اس کے الفاظ قابل غور ہیں وہ کہتا ہے :
’’محبت صرف جسمانی ملاپ کا نام نہیں ہے۔ یہ دولت، شہرت، ذات پات، خوب صورتی، بد صورتی یا محتاجی کچھ نہیں دیکھتی یہ تو آسودگی بخشتی ہے، سہارا بنتی ہے اور سب سے بڑھ کر جینے کا ڈھنگ سکھاتی ہے ‘‘
اس افسانے میں مصنف نے دو عورتوں کے کردار کا تقابلی جائزہ لیا ہے ایک طرف تو ایک حسین، ماڈرن اور فیشن ایبل عورت ہے جوجسے اپنے بناؤ سنگھار سے فرصت نہیں۔ شوہر، ساس اور گھر پر اس کی کوئی توجہ نہیں۔ محبت اور خلوص کے جذبات سے اس کا دل یکسرخالی ہے۔ دوسری طرف ایک بد صورت اور کالی کلوٹی غریب ملازمہ ہے جوکسی تعلق کے بغیر اس گھر کے ہر فرد سے بے لوث محبت اور چاہت کا رشتہ استوار کر لیتی ہے جس گھر میں وہ ملازمہ ہے۔ جب سہیل کی بیوی اسے تنہا چھوڑ کو چلی جاتی ہے تو یہی ملازمہ اس کی شریک حیات بن کر اسے تنہائیوں کے مسموم اثرات سے بچاتی ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد خان نے معاشرتی زندگی کے حوادث کو جس انداز میں بیان کیا ہے وہ قاری کے ذہن کی مثبت انداز میں ترتیب و تدوین کو یقینی بنانے میں بے حد معاون ہے۔ ان کا اسلوب قاری کے شعور کو ایک ایسی نئی جہت سے آشنا کرتا ہے جو ادبی اقدار کی امین ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد خان کے افسانوں میں تخلیقی فعالیت کا جو مسحور کن سماں ہے اس کا اہم پہلو یہ ہے کہ اس میں قاری اور تخلیق کار کے ما بین ایک جذباتی اور وجدانی ہم آہنگی پر مبنی تعلق استوار ہو جاتا ہے۔ یہ اسی تعلق کا اعجاز ہے کہ ان کے افسانے قاری کے دل پر انمٹ نقوش ثبت کرتے ہیں۔ انھوں نے اپنی تہذیب اور معاشرت کی اقدار و روایات کو ہمیشہ ملحوظ رکھا ہے۔ ان کے افسانوں میں اس جانب بھر پور توجہ دی گئی ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ پاکستانی تہذیب و ثقافت کو زندگی کی حیات آفریں اقدار کی عکاسی کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر شکیل احمد خان کے افسانے ’’میں کس کے ہاتھ پہ۔ ۔ ‘‘، ’’وکی لیکس ‘‘، ’’شہادت ‘‘، ’’میدان حشر ‘‘، ’’نیلام گھر ‘‘اور ’’بھوک ‘‘جہاں زبان و بیان پر ان کی خلاقانہ دسترس کے مظہر ہیں وہاں ان افسانوں میں کہانی پن کا عنصر قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔ زندگی کی تغیر پذیر کیفیات اور زمانے کے نشیب و فراز کے بارے میں انھوں نے بڑی مہارت سے حقائق کو پیرایۂ اظہار عطا کیا ہے۔ ان افسانوں کے ایک ایک لفظ سے ان کے تخلیق کار کی شخصیت کے نقوش ابھر کر سامنے آتے ہیں۔ مصنف کے تمام تجربات جن کا تعلق ذہن و ذکاوت اور جذبات واحساسات سے ہے اس دلکش انداز میں بیان کیے گئے ہیں کہ زندگی کے تمام خارجی حقائق کے ساتھ ساتھ تخلیق کار کی باطنی اور نفسی کیفیات کی حقیقی تصویر بھی لوح دل پر نقش ہو جاتی ہے۔ مصنف نے اپنے ذاتی تجربات کو اپنی تحریروں میں اس طرح سمو دیا ہے جس طرح ہوا میں تازگی، پھولوں میں عطر بیزی، پھلوں میں شیرینی، ابلتے ہوئے چشموں کے پانی میں روانی، ٹھاٹیں مارتے ہوئے دریاؤں کے پانی کی لہروں میں طغیانی اور اولاد کے لیے ماں کی ممتا میں بے لوث محبت کے جذبات کی فراوانی رچ بس جاتی ہے۔ اس کے لیے کسی تصنع کی احتیاج نہیں بل کہ فطرت خود بہ خود لالے کی حنا بندی میں مصروف ہے۔ اپنے اسلوب نثر میں انھوں نے جس انداز میں اپنی نثر کو زر نگار بنایا ہے وہ ان کے اسلوب کا اہم پہلو ہے۔ وہ حر ف صداقت لکھتے وقت قابل یقین واقعیت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ ان کے افسانوی اسلوب میں ایک خاص آہنگ ہے۔ وہ ایک تسلسل کے ساتھ کہانی کو منطقی انداز میں آگے بڑھاتے ہیں۔ ان کے افسانوں کی تاثیر، نثر نگاری کے دل کو چھو لینے والے انداز قاری پر واقعیت، حقیقت نگاری اور حریت فکر کے بارے میں صحیح منظر نامہ پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے اظہار اور ابلاغ کے متعدد نئے تجربے کیے ہیں۔ ہر صورت میں وہ پر خلوص جذبات کی رنگ آمیزی سے اپنے افسانوں کو قوس قزح کے روپ میں لانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ ان کے اسلوب میں روانی، سادگی اور سلاست کا عنصر موثر ابلاغ کو یقینی بنا دیتا ہے۔
عالمی کلاسیک بالخصوص اردو زبان کے کلاسیکی ادب کا ڈاکٹر شکیل احمد خان نے عمیق مطالعہ کیا ہے۔ ملا وجہی کے ’’حسن و دل ‘‘ کی طرز پر انھوں نے ’’محبت اور دل ‘‘لکھ کر ایک اچھوتا تجربہ کیا ہے۔ محبت اور دل کی تجسیم کر کے انھوں نے کئی اہم باتیں قاری کو سمجھانے کی کوشش کی ہے۔ اس مختصر افسانے میں سوز و ساز رومی اور پیچ و تاب رازی کی کیفیت کا بڑی مہارت کے ساتھ احاطہ کیا گیا ہے۔ آخر کار دل کو کا میابی ہوتی ہے اور محبت دبے پاؤں واپس چلی جاتی ہے۔ ان کے افسانے ’’بے موسم ‘‘، ’’ماسٹر رحیم ‘‘ بے آواز لاٹھی ‘‘، ’’شناخت ‘ اور ’’تجدید ایمان‘‘ فن افسانہ نگاری پر ان کی گرفت کی عمدہ مثال ہیں۔ انھوں نے سات پردوں میں چھپی ہوئی حقیقت کی ٹوہ لگا کر قاری کو آثار مصیبت کے احساس سے متمتع کر نے کی سعی کی ہے۔ زندگی کے تلخ حقائق سے شپرانہ چشم پوشی کرنے والوں سے وہ نا خوش و بیزار دکھائی دیتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ سستی جذباتیت اور سطحیت سے گل خلاصی حاصل کی جائے اور حقیقت نگاری کی ضیا پاشیوں سے سفاک ظلمتوں کو کافور کیا جائے۔ ان کے اسلوب میں علی گڑھ کی مقصدیت نمایاں ہے۔ وہ نہایت دھیمے، پر وقار اور منصفانہ انداز میں اپنا موقف بیان کرتے ہیں۔ ہر قسم کے ظلم اور استبداد کے خلاف ان کی شدید نفرت ان کے اسلوب میں صاف دکھائی دیتا ہے۔ کشمکش روزگار میں وہ اس طرح دن گزارتے ہیں جیسے بتیس دانتوں میں زبان وقت گزارتی ہے۔ ان کا شخصی وقار اور خو داری ہی ان کی حقیقت نگاری کی اساس ہے۔ ان کی حقیقت نگاری کا فکر و ادراک کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ ان کا سب سے بڑا اعزاز و امتیاز یہ ہے کہ انھوں نے معاشرتی زندگی کے متعدد واقعات جو ابتدا میں رجحانات کی شکل میں نمو پانے لگے، انھیں ایک قابل فہم وحدت کی صورت میں زیب قرطاس کیا ہے۔ اس طرح ایک ایسی وحدت دیکھنے میں آئی جس نے تخلیقی فعالیت کو اس نہج پر چلایا کہ زندگی کے تلخ حقائق کی صورت گری پر توجہ دی جانے لگی۔
ڈاکٹر شکیل احمد خان نے اپنے فن افسانہ نگاری سے قارئین کو یقین کی منزل تک لے جانے کی سعی کی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ یقین کی شمع ہر حالت میں فروزاں رکھی جائے کیونکہ اگر یہ شمع ٹمٹمانے لگے تو تہذیب و تمدن بھی گہنا جاتا ہے۔ تہذیبی بقا کا قوموں کی بقا کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ وہ پوری توجہ کے ساتھ گردو نواح کے واقعات کو دیکھتے ہیں، آشوب زمانہ سے غافل نہیں رہتے اور ہر قسم کی رائے اور گفتگو کوسنتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ ہر عقدۂ تقدیر جہاں زبان خلق ہی سے کھلتا ہے۔ اس لیے وہ ایام کا مرکب بننے کے بجائے ایام کا راکب بننے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس صدی کی گفتگو دھیان سے سننے کے بعد وہ اپنی بات بیان کرتے ہیں اور مجھے یہ کہنے میں کوئی تامل نہیں کہ ان کی بات کو لمحے نہیں صدیاں سنیں گی۔
٭٭٭

تاریخ کا مسلسل عمل اور میر و سودا کی شاعری

بر عظیم پاک و ہند کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو یہ حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ اس خطے میں آفتاب اسلام کی ضیا پاشیوں کا سلسلہ عہد نبویﷺ میں شروع ہو گیا تھا۔ اسی لیے حضور ختم المرسلین ﷺ کو اس طرف سے ٹھنڈی ہوا محسوس ہوتی تھی۔ سلطان محمود غزنوی (پیدائش:2۔ اکتوبر 971وفات:30۔ اپریل 1030) نے اپنے تینتیس سالہ دور حکومت (997-1030)میں اس خطے پر سترہ حملے کیے۔ وہ جب 18۔ اکتوبر 1025کو سومناتھ پر یلغار کے لیے روانہ ہوا تو اس کے پیش نظر پرانی اور فرسودہ تہذیب کی گرتی ہوئی عمارت کو منہدم کرنا تھا۔ اسلام نے اپنی آفاقی تعلیمات میں توہم پرستی، شرک، بت پرستی، بے عملی، بزدلی اور بے ضمیری کی مسموم فضا کے خاتمے کے لیے ایک قابل عمل اور واضح لائحۂ عمل پیش کیا ہے۔ تاریخ ہر دور میں اپنے ابراہیم ؑکی تلاش میں رہی ہے۔ یہ جہاں جسے ایک صنم کدے سے تعبیر کیا جاتا ہے، اس میں مے رضا سے مست مرد حق پرست کے سامنے ایک ہی مطمح نظر ہوتا ہے کہ وہ ظلمت دہر کو توحید و رسالت کی تابانیوں سے منور کر دے۔ اس دنیا کے مال و دولت اور تمام رشتہ و پیوند کو بتان وہم و گماں سمجھا جاتا ہے۔ محمود غزنوی نے سومناتھ کو تہس نہس کر کے دیوتاؤں کی بے پناہ طاقت کے کھوکھلے دعوے کو طشت از بام کر دیا۔ (1)نظام کہنہ کے سائے میں عافیت سے بیٹھنے کے خواب دیکھنے والوں کو جلد ہی یہ احساس ہو گیا کہ قدیم اور فرسودہ تہذیب اور ثقافت کی گرتی ہوئی عمارت کے انہدام کا وقت آ پہنچا۔ اب اسلام کی ابد آشنا تعلیمات سے ہر طرف اجالا ہو گا۔ اس کے بعد خاندان غلاماں (1206-1290)، خاندان خلجی (1290-1320)، خاندان تغلق (1320-1412)اور سید و لودھی خاندان(1413-1526)نے ان ہی خطوط پر کام کیا۔ اس کے بعد خاندان مغلیہ نے عنان اقتدار سنبھال لی اور یہاں کے سیاہ و سفید کے مالک بن بیٹھے۔ مغل بادشاہوں کا یہ دور اپنے عروج کو پہنچا جب اور نگ زیب (پیدائش :4۔ نومبر 1618، وفات :3مارچ 1707)تخت نشین ہوا تو اس نے مغل سلطنت کو وسعت دی۔ اس کے عہد حکومت (31-3-1658تا3-3-1707) میں پورے بر صغیر پر مسلم اقتدار کا پرچم لہرا رہا تھا۔ (2)اورنگ زیب نے دکن میں بیجا پور اور گولکنڈہ کی اسلامی ریاستوں کے خلاف جو اقدامات کیے انھیں عوام نے پسند نہ کیا۔ اس کے نتیجے میں اسلامی حکومت کی قوت کو ضعف پہنچا۔ اور نگ زیب کی وفات کے بعد اس کے جانشین اس وسیع حکومت کو سنبھال نہ سکے۔ اس حکومت کا خاتمہ اسی دن ہو گیا تھا جس دن اور نگ زیب کی آنکھیں بند ہوئیں۔ (3)اس کے بعد بہادر شاہ اول، جہاں دار شاہ، فرخ سیر، رفیع الدرجات، شاہ جہاں دوم، نکو سیر، محمد ابراہیم، محمد شاہ، احمد شاہ بہادر، عالم گیر دوم، شاہ جہاں سوم، شاہ عالم دوم، اکبر شاہ دوم اور بہادر شاہ مغلوں کی عظمت رفتہ کی تاریخ کے اوراق کی ورق گردانی اور نوحہ خوانی کے لیے لال قلعے میں مسند شاہی پر براجمان ہوئے۔ تاریخ امم کے مطالعہ سے یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ جو اقوام بہادری اور عزم صمیم کو ترک کر کے طاؤس و رباب سے اپنا دل بہلاتے ہیں وہ اپنی تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھتے۔ سیل زماں کی مہیب موجیں انھیں خس و خاشاک کی طرح بہا لے جاتی ہیں۔ تاریخ کے مسلسل عمل اور تاریخی صداقتوں کو پس پشت ڈالنے والوں کو یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ جغرافیائی تبدیلیاں دراصل تاریخی حقائق کی کوکھ سے جنم لیتی ہیں۔
اور نگ زیب کے نا اہل جا نشینوں نے اپنی بے بصری، کور مغزی اور جہالت مآبی کے باعث نظام سلطنت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ تخت نشینی کی جنگوں نے مغل بادشاہوں اور مغلیہ سلطنت کا وقار ختم کر دیا۔ مرکزی حکومت کی گرفت کمزور ہوتے ہی ریاستوں کے حکمران باغی ہو گئے اور طوائف الملوکی کے باعث نظم و نسق ابتر ہوتا چلا گیا۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ مغلوں نے اپنے تین سو سالہ عہد اقتدار میں کوئی ایسا عظیم علمی ادارہ قائم نہ کیا جو قوم میں صحیح نظر و بصیرت کی تخلیق میں ممد و معاون ثابت ہوتا۔ (4)تاریخ کے مسلسل عمل سے اور نگ زیب کے نا اہل جا نشین بے خبر تھے۔ انھوں نے ایک گونہ بے خودی کے لیے جنسی جنون اور مے نوشی کو اپنا شعار بنا لیا۔ جہاں د ار شاہ ایک رذیل طوائف لال کنور کے اشاروں پر ناچتا تھا۔ جہاں دار شاہ کی بزدلی کا یہ حال تھا کہ ایک مرتبہ جب اس نے برہنہ تلوار دیکھی تو مارے خوف کے اس کی گھگھی بندھ گئی اور وہ دم دبا کر بھا گ گیا(5)۔ محمد شاہ جب کوکی کے حسن کا دیوانہ بنا تو سب کچھ بھول گیا اور چلو میں الو بن کر داد عیش دیتا تھا۔ محمد شاہ کو سید برادران کی حمایت حاصل تھی۔ 1720میں حسین علی نے ایک دن مغل حکومت کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا :
’’میں وہ ہوں کہ جس شہزادے کو جوتا مار دوں وہ بادشاہ بن جائے۔ ‘‘(6)
آخری عہد مغلیہ میں نراجیت کی جو فضا تھی اس کے باعث بیرونی حملہ آوروں نے اس خطے کے مظلوم عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔ دو لاکھ پچیس ہزار افراد نادر شاہ کی سفاکی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ (7)اس خون ریزی کا اندازہ اس المیے سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف 13فروری 1739کو صبح نو بجے سے لے کر دو پہر دو بجے تک نادر شاہ کے حکم سے دہلی میں جو قتل عام ہوا اس میں تیس ہزار بے گناہ انسان موت کے گھاٹ اتار دئیے گئے۔ نادر شاہ نے پندرہ کروڑ روپیہ تاوان جنگ وصول کیا اور شاہ جہان کا تخت طاؤس قبضے میں لے لیا اور شاہی خزانہ بھی لو ٹ لیا۔ مجموعی طور ستر کروڑ روپے لوٹے گئے۔ اس مو قع پر محمد شاہ کی زبان پر یہ شعر تھا:
دیدۂ عبرت کشا قدرت حق را بہ بیں شامت اعمال ما صورت نادر گرفت
احمد شاہ ابدالی نے 29۔ جنوری 1761کو دہلی پر دھاوا بول دیا اور 20مارچ 1761تک نہتے، بے بس اور مظلوم انسانوں پر جو کوہ ستم ٹوٹا وہ تاریخ کا ایک خوں چکاں باب ہے۔ اس سانحہ کے بارے میں میر تقی میر نے لکھا ہے :
’’چھتیں توڑ دیں، دیواریں ڈھا دیں۔ ۔ ۔ ۔ شرفا کی مٹی پلید ہو رہی تھی، شہر کے عابد خستہ حال ہو گئے۔ بڑے بڑے امیر ایک گھونٹ پانی کے لیے بھی محتاج بن گئے۔ چونکہ ان جفا کاروں کی بن آئی تھی، لوٹتے کھسوٹتے، ایذائیں دیتے، ستم ڈھاتے، عورتوں کی بے حرمتی کرتے۔ ۔ ۔ ہر گلی کوچے میں، ہر بازار میں یہ غارت گر تھے اور ان کی دار و گیر۔ ہر طرف خونریزی، ہر سمت ظلم و ستم، ایذائیں بھی دیتے اور طمانچے مارتے۔ گھر جل گئے، محلے ویران ہو گئے، سیکڑوں لوگ ان سختیوں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ پرانے شہر کا علاقہ جسے رونق اور شادابی کے باعث ’’جہان تازہ ‘‘کہتے تھے، منقش دیوار کے مانند تھا۔ جہاں تک نظر جاتی تھی، مقتولوں کے سر، ہاتھ، پاؤں اور سینے ہی نظر آتے تھے۔ ان مظلوموں کے گھر ایسے جل رہے تھے کہ آتش کدہ کی یاد تازہ ہو رہی تھی۔ جہاں تک آنکھ دیکھ سکتی تھی خاک سیاہ کے سوا کچھ دکھائی نہ دیتا تھا۔ ‘‘(8)
قائم چاند پوری نے اپنی شاعری میں اس المیے کے بارے میں نہایت دردمندی سے اپنے جذبات کو اشعار کے قالب میں ڈھالا ہے۔ مرہٹوں نے اس موقع پر جو مظالم ڈھائے ان کے بارے میں یہ اشعار حقائق کی گرہ کشائی کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اس عہد کے مطلق العنان بادشاہ کے بارے میں بھی غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔

لشکر میں مرہٹے کے جو کوئی ہوئے ہیں بند
دیکھے ہیں ان کے ظلم کے سب پست اور بلند
اب نام فوج سن کے وہ اڑ جائیں جوں پرند
سچ ہے جس کو سانپ سے پہنچے کبھو گزند
رسی کو جانتا ہے کہ مار سیاہ ہے

سمجھا تو اس قدر بھی اے بھڑوے خبیث خر
کس پر ہوا یہ مظلمہ، ٹوٹا کنہوں پہ زر
ہر نیک و بد پہ آدمی کرتا ہے یاں نظر
تو تو خد ا کے فضل سے اس باپ کا پسر
جس کا خطاب شاہ حماقت پناہ ہے
(کلیات قائم : مخطوطہ رام پور ) (9)

آخری عہد مغلیہ میں حکمرانوں کا المیہ یہ تھا کہ وہ سیاسی اور فوجی محاذوں پر پے در پے شکست کھا رہے تھے۔ اس پر ستم بالائے ستم یہ کہ اخلاقی محاذ پر بھی انھیں شرم ناک ہزیمت کا سامنا تھا۔ حکمرانوں کی اخلاقی بے راہ روی، جنسی جنون، فحاشی، بے ضمیری، بے غیرتی اور بد معاشی اس قدر بڑھ گئی تھی کہ عوام میں انھیں شدید نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ اخلاقی اقدار اور شرافت کے معائر کو بارہ پتھر کر دیا گیا۔ روم جل رہا تھا اور وقت کے یہ نیرو لال قلعے میں رنگ رلیاں منانے اور چین کی بانسری بجانے میں ہمہ وقت مصروف رہتے تھے۔ عیاش حکمران عوام کے چام کے دام چلا رہے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ لا قانونیت نے پورے معاشرتی نظام کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی تھیں۔ پورے معاشرتی، سیاسی اور سماجی نظام میں ایک بھیانک خلا رونما ہو چکا تھا۔ کسی حکمران کی شخصیت ایسی نہ تھی جس پر اعتبار کیا جا سکتا۔ ذہنی افلاس، اخلاقی پستی اور کوتاہ اندیشی نے آخری عہد مغلیہ کے حکمرانوں کو پوری دنیا میں تماشا بنا کر رکھ دیا۔ شاہ عالم کی عیاشی کا یہ حال تھا کہ اس کی محرمات کی تعداد پانچ سو سے زائد تھی۔ اس کے لڑکوں اور لڑکیوں کی تعداد ستر (70)تھی۔ شاہ عالم کا بیٹا اکبر بھی جنسی جنون میں اپنے باپ سے پیچھے نہ تھا۔ اٹھارہ سال کی عمر میں وہ اٹھارہ بیویوں کا شوہر تھا۔ (10) بصیرت سے محروم شاہ عالم جب فطرت کی تعزیروں کی زد میں آیا تو 10۔ اگست 1788کو غلام قادر روہیلہ نے اس کی آنکھوں میں سلائیاں پھیر کر اسے بصارت سے بھی محروم کر دیا۔ شاہ عالم کے زمانے میں اس خطے کے عوام پر عرصۂ حیات تنگ کر دیا گیا۔ ہر طرف ذلت و تخریب کے کتبے نوشتۂ تقدیر کی صورت میں آویزاں تھے۔ اردو شعرا نے اس عہد ستم میں بھی حریت فکر کا علم بلند رکھا۔ جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے اردو شعرا نے اس دور میں مثبت شعور و آگہی پروان چڑھانے کی مقدسر بھر سعی کی۔ انھیں اس بات کا شدت سے احساس تھا کہ مسلسل شکست دل کے باعث عوام میں بے حسی پیدا ہو جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں بہادری اور قوت ارادی کو ضعف پہنچتا ہے۔ اس کے مسموم اثرات سے مظلوم طبقہ ظلم کے سامنے سپر انداز ہونے پر مجبور ہو جاتا ہے اور وہ ہر ستم یہ سوچ کر سہہ لیتا ہے کہ شاید یہی تقدیر کا لکھا ہے یا یہ مشیت ایزدی ہے۔ اس کے بعد وہ اپنی چشم تر سے یہ التجا کرتے ہیں کہ جو مظالم وہ سہہ رہے ہیں ان کا مداوا قدرت کاملہ کرے گی اور وہ ان ظالموں کو مکافات عمل سے دو چار کرے گی۔ اس قسم کا انداز فکر در اصل ظلم کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ میر تقی میر (1723-1810)نے تاریخ کے اس نازک دور میں بھی شاہ عالم کے مسلط کردہ فسطائی جبر کے خلاف کھل کر لکھا:
’’یہ رنگ نظر آتا ہے کہ اہل حرفہ جنگل کو نکل جائیں اور سپاہی بھیک مانگیں، ہر شخص اپنا رستہ لے، خوب شہر کی رونق ہو گی ؟‘‘(11)
آخری عہد مغلیہ میں میر و سودا کی شاعری میں دلی سے پالم تک کے حکمران شاہ عالم کے جبر کے خلاف تمام حقائق بیان کیے۔ انھوں نے جو کچھ لکھا پوری دیانت سے لکھا۔ ان کی دلی تمنا تھی کہ عوام کو اس ذہنی بیداری اور قلب و نظر کے قوی احساس سے متمتع کیا جائے جس کے اعجاز سے دلوں کو ایک ولولۂ تازہ نصیب ہو۔ یہ ذہنی بیداری اور مثبت شعور و آگہی زندہ اقوام کا امتیازی وصف سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ آخری عہد مغلیہ میں مطلق العنان بادشاہوں کی بد اعمالیوں کی وجہ سے عوام نے انھیں ہمیشہ نفرت کی نگاہ سے دیکھا لیکن کارواں کے دل میں احساس زیاں بہر حال موجود تھا۔ اردو شعرا نے اس دور میں دلوں کو ایک ولولہ ء تازہ عطا کیا۔ جس وقت پورا معاشرتی نظام، ایوان اقتدار، سیاسی ڈھانچہ اور ریاستی نظم و نسق تباہی بربادی اور مکمل انہدام کے قریب پہنچ گیا تھا اس وقت اردو شعرا نے حوصلے اور امید کی شمع فروزاں رکھی۔ ہوائے جور و ستم میں بھی انھوں نے رخ وفا کو ماند نہیں پڑنے دیا۔ اس عہد میں اردو شاعری کو جو رفعت نصیب ہوئی وہ اپنی مثال آپ ہے۔ جس وقت سیاسی نظام پاتال تک جا پہنچا تھا اس وقت شاعری نے افلاک کی وسعت کو چھو لیا یہ ایک قابل فخر اور لائق تحسین کیفیت تھی۔ اس عہد میں میر و سودا کی شاعری کے اعجاز سے دلوں میں ایک نئی امنگ پیدا ہوئی۔ میر تقی میر نے جس خلوص، دردمندی، انسانی ہمدردی، وضع داری اور خود داری کے ساتھ اپنے عہد کے حالات کے بارے میں اپنے جذبات حزیں کا اظہار کیا ہے اس کے معجز نما اثر سے قاری کو آج بھی اس زمانے کے مخدوش حالات کی حقیقی کیفیات کے بارے میں آگہی نصیب ہوتی ہے۔ ان کی شاعری میں ایک زیرک اور حساس تخلیق کار کا گریہ سن کر آج بھی آنکھیں پر نم ہو جاتی ہیں۔ سیاسی عدم استحکام اور اقتصادی زبوں حالی کے باعث پورا معاشرہ ہی زوال پذیر تھا۔ حالات کی ابتری نے عوام کو مستقبل سے بھی مایوس کر دیا تھا۔ انھیں یوں محسوس ہو تا تھا کہ ان کی امیدوں کی فصل غارت کر دی گئی ہے اور ان کی صبح و شام کی محنت اکارت چلی گئی ہے۔ میر کی شاعری میں اس زمانے کے بارے جو تصویر کشی کی گئی ہے وہ نہ صرف تازیانۂ عبرت ہے بل کہ اس کے مطالعہ سے ہر عہد میں اصلاح احوال کی صورت تلاش کی جا سکتی ہے۔ دفاعی اعتبار سے آخری عہد مغلیہ میں جو لرزہ خیز، اعصاب شکن صورت حال تھی اس کا احوال میر تقی میر نے اس طرح پیش کیا ہے :

’’در حال لشکر ‘‘

مشکل اپنی ہوئی جو بود و باش
آئے لشکر میں ہم برائے تلاش
آن کے دیکھی یاں کی طرفہ معاش
ہے لب ناں پہ سو جگہ پرخاش
نے دم آب ہے نہ چمچۂ آش
زندگانی ہوئی ہے سب پہ وبال
کنجڑے جھینکیں ہیں روتے ہیں بقال
پوچھ مت کچھ سپاہیوں کا حال
ایک تلوار بیچے ہے اک ڈھال
بادشاہ و وزیر سب قلاش
شوق مطلق نہیں کسو سر میں
زور باقی نئیں اسپ و اشتر میں
بھوکھ کا ذکر اقل و اکثر میں
خانہ جنگی سے امن لشکر میں
نہ کوئی رند ہے نہ کوئی اوباش
لعل خیمہ جو ہے سپہر اساس
پالیں ہیں رنڈیوں کی اس کے پاس
ہے زنا و شراب بے وسواس
رعب کر لیجیے یہیں سے قیاس
قصہ کوتہ رئیس ہے عیاش
چار لچے ہیں مستعد کار
دس تلنگے جو ہوں تو ہے دربار
ہیں وضیع و شریف سارے خوار
لوٹ سے کچھ ہے گرمیِ بازار
سو بھی قند سیاہ ہے یا ماش

میر تقی میر کی شاعری کے مطالعے سے یہ حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ بر عظیم میں اسلامی تشخص اور مسلم قومیت کا شعور اردو زبان و ادب میں بالعموم اور اردو شاعری میں بالخصوص رچ بس گیا ہے۔ آخری عہد مغلیہ میں شعرا نے اسلامی تہذیب و تمدن، معاشرت اور ثقافت کو درپیش خطرات کے بارے میں اپنی تشویش کا بر ملا اظہار کیا۔ میر تقی میر کی شاعری میں اس عہد کے سیاسی نشیب و فراز، جذباتی ہیجانات، تہذیبی میلانات اور ذاتی تجربات و مشاہدات بڑی خوش اسلوبی سے پیش کیے گئے ہیں۔ جبر کے اس ماحول میں جان لیوا تنہائی، مہیب سناٹے اور غربت و افلاس نے معاشرتی زندگی کی رعنائیوں کو گہنا دیا تھا۔ میر تقی میر نے بر عظیم کی تاریخ اور تہذیب و ثقافت کے تناظر میں اپنے خیالات کو نہایت درد مندی، خلوص اور بے باکی سے پیش کیا ہے۔

دلی میں آج بھیک بھی ملتی نہیں انھیں
تھا کل تلک دماغ جنھیں تخت و تاج کا
جن بلاؤں کو میر سنتے تھے
ان کو اس روزگار میں دیکھا
مصائب اور تھے پر دل کا جانا
عجب اک سانحہ سا ہو گیا ہے
میں گریہ ء خونیں کو روکے ہی رہا ورنہ
یک دم میں زمانے کا یاں رنگ بدل جاتا
جو دے آرام ٹک آوارگی میر
تو شام غربت اک صبح وطن ہے
مرگ مجنوں پہ عقل گم ہے میر
کیا دوانے نے موت پائی ہے
بگولے کی روش وحشت زدہ ہم
رہے بر چیدہ دامن اس سفر میں
مقصود کو دیکھیں پہنچے کب تک
گردش میں تو آسماں بہت ہے
گو خاک سے گور ہوئے یکساں
گم گشتگی کا نشاں بہت ہے

میر تقی میر کی شاعری میں زہر خند کی ایک حیران کن کیفیت ہے۔ اس کے پس پردہ وہ تمام عوامل کارفرما ہیں جن کا تعلق میر کے تجربات، مشاہدات اور احساسات سے تھا۔ ہجوم یاس میں بھی وہ گردش مدام سے دل برداشتہ نہ ہوئے۔ ان کی شاعری میں زندگی کے تمام تجربات کا احوال بڑی مہارت سے بیا ن کیا گیا ہے۔ ایک با ذوق، حساس اور صابر و شاکر تخلیق کار کی حیثیت سے انھوں نے انسانیت کو درپیش مسائل کے بارے میں جو کچھ لکھا ہے وہ ہماری تہذیب و ثقافت کا نمایاں ترین وصف ہے۔
مرزا محمد رفیع سودا (1713-1781)جو خواجہ میر درد اور میر تقی میر کے معاصر تھے، اردو شاعری کے عظیم تخلیق کار تھے۔ انھوں نے دہلی کی زوال پذیر تہذیب اور تباہ حال حکومت کا جو احوال بیان کیا ہے وہ چشم کشا صداقتوں سے لبریز ہے۔ اردو قصیدہ، غزل اور ہجویات میں سودا کے کمال فن کا ایک عالم معترف تھا۔ جس وقت پورا بر عظیم مایوسی، اضطراب اور معاشی زبوں حالی کے باعث تباہی کے دہانے تک پہنچ گیا تھا اس وقت سودا نے اپنی شاعری کے ذریعے عوام میں زندگی کے تلخ حقائق کے بارے میں مثبت شعور و آگہی بیدار کرنے کی مقدور بھر سعی کی۔ انحطاط کے اس دور میں سودا کی شاعری فکر و نظر کے نئے دریچے وا کرنے کا وسیلہ ثابت ہوئی۔ ایک مرتبہ شاہ عالم نے سودا کو ملک الشعرا کا خطاب دینے کی پیش کش کی۔ مرزا محمد رفیع سودا جانتے تھے کہ اس شاہ شطرنج کی سلطنت جو محض دلی سے پالم تک محدود ہے۔ اس کے خطاب کی بیساکھی کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔ سودا کو یقین تھا کہ روشنی کے جس دئیے میں جان ہوتی ہے وہ اپنے وجود کا اثبات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سودا کو اپنے ادبی مقام کا احساس تھا اور اپنی تخلیقی فعالیت پر ناز تھا اس لیے انھوں نے بر ملا کہا کہ مجھے ملک الشعرا بننے کے لیے کسی شہنشاہ کی مدد درکار نہیں بل کہ خود میرا کلام مجھے ملک الشعرا بنائے گا۔ (12)اپنی شاعری میں سودا نے ہر قسم کی عصبیت، متمول عیاشوں کی رنگ رلیوں، گنواروں کی خر مستیوں، معاشرتی زندگی کی بے اعتدالیوں اور سماجی تضادات کو پوری قوت سے ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے جاں بہ لب مغلیہ سلطنت کی زوال پذیر معیشت، عوامی مسائل سے بے تعلقی، دفاع سے مجرمانہ غفلت اور شرم ناک بے حسی پر گرفت کی۔ ان کی شاعری جراحت دل کی ایک منفرد کوشش سمجھی جا سکتی ہے۔ مغل بادشاہوں کی بے توفیقی، بے حسی، بے بضاعتی، بے غیرتی اور بے ضمیری نے زندگی کی درخشاں اقدار و روایات کو جو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا اس پر وہ بہت دل گرفتہ تھے ان کی شاعری میں ا س کرب کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔ اس عہد میں سیاسی شکست و ریخت نے ہر سطح پر اپنے مسموم اثرات کے باعث رتیں بے ثمر کر دی تھیں۔ ایک ایسی ہولناک بحرانی کیفیت پیدا ہو چکی تھی جس نے معاشرتی اور سماجی زندگی میں تہذیبی، ثقافتی اور عمرانی سطح پر سب کچھ ملیا میٹ کر دیا۔ میر و سودا اور ان کے معاصرین کا کمال یہ ہے کہ انھوں نے ابتلا اور آزمائش کے اس دور میں حوصلے اور استقامت سے کام لیا۔ تخلیق ادب کو محض خانہ پری کی شکل نہیں دی بل کہ جو کچھ ان کے دل پہ گزری اسے پوری صداقت اور بہادری کے ساتھ زیب قرطاس کیا۔ ان کی اس فعالیت سے تخلیق ادب کے سوتے خشک ہونے سے بچ گئے۔ سودا نے اپنے عہد کے حالات اور واقعات کے بارے میں کوئی لگی لپٹی نہیں رکھی۔ انھوں نے ہجوم غم میں بھی دل کو سنبھالا اور اپنی گل افشانیِ گفتار سے ید بیضا کا معجزہ دکھایا۔ اندگی کی اقدار عالیہ اور درخشاں روایات سے انھیں قلبی لگاؤ اور والہانہ محبت تھی۔ جب وہ اپنے اشہب قلم کی جولانیاں دکھاتے ہیں تو ان کے اسلوب کی ارتقائی کیفیات ایک دھنک رنگ منظر نامہ پیش کرتی ہیں۔ انھیں دیکھ کر قاری حیرت زدہ رہ جاتا ہے۔ مثال کے طور پر شیدی فولاد خان کوتوال کے بارے میں انھوں نے جو کچھ لکھا ہے وہ اس عہد کے رشوت خور اہل کاروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ اس قماش کے بے غیرت اور بے ضمیر لوگ معاشرے کے لیے کلنک کا ٹیکہ ثابت ہوتے ہیں۔ ظالم و سفاک، موذی و مکار استحصالی عناصر کے پروردہ ایسے بے رحم بد طینت اہل کار مظلوم انسانیت پر جس بے دردی سے مشق ستم کرتے ہیں اس کے بارے میں سودا نے تلخ حقائق بیان کیے ہیں۔ اسی طرح ’’تضحیک روزگار ‘‘میں سودا نے آخری عہد مغلیہ کے سیاسی، اقتصادی، عسکری، معاشرتی، سماجی اور اخلاقی زوال کے بارے میں جو احوال بیان کیا ہے وہ قاری کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ سودا نے بر عظیم کے سیاسی، معاشرتی اور سماجی حالات کے بارے میں جو لفظی مرقع نگاری کی ہے، وہ ان کی وسعت نظر کی دلیل ہے اردو شاعری میں شہر آشوب کے ارتقا میں اس شاعری کوسنگ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ یہ حالات کی ستم ظریفی نہیں تو اور کیا ہے کہ گلشن میں سر و و صنوبر کی جگہ زقوم کی فراوانی ہو جائے، شیریں اثمار کی جگہ حنظل کثرت سے اگے ہوں، گل و لالہ کے بجائے خار مغیلاں ہر طرف بکھر جائیں، خوش الحان طیور اور عنادل کوچ کر جائیں اور ان کی جگہ زاغ و زغن اور بوم و شپر ہر سو منڈلانے لگیں۔ ان حالات میں سودا کی شاعری ایک ایسے نوحہ ء غم کی صورت اختیار کر لیتی ہے جسے پڑھ کر قاری اپنے آنسو ضبط نہیں کر سکتا۔ جب اہل ہوس نے ہر سو دام بکھیر رکھے ہوں تو بے حسی کا عفریت چاروں جانب منڈلانے لگتا ہے۔ ہر کوئی اپنے مفادات کے تابع ہو جاتا ہے اور اپنی دھن میں مگن رہنے لگتا ہے۔ ایسے عالم میں بے بس و لاچار انسانوں کی چشم تر کو دیکھنے والے نا پید ہو جاتے ہیں۔

سنتا نہیں کسی کا کوئی درد دل کہیں
اب تجھ سوا میں جا کے خدایا کہاں کہوں
ہزار حیف کوئی باغ میں نہیں سنتا
چمن چمن پڑی کرتی ہیں بلبلاں فریاد

سود ا کے دبنگ لہجے نے اردو شاعری کو وہ جلال عطا کیاجس کی اس سے قبل کوئی مثال موجود نہ تھی۔ ان کے کلام میں جہاں جوش، ولولے، غیظ و غضب کی ایک مرعوب کن شان ہے وہاں وہ نہایت خلوص اور دردمندی کے ساتھ حالات کی لفظی مرقع نگاری کرتے ہیں۔ اردو شاعری میں حریت فکر کی یہ شان سودا کی شاعری کا امتیازی وصف ہے۔ ایک خسیس رئیس کے بارے میں سودا نے لکھا ہے کہ اس کی سفلگی نے اسے معاشرے میں نفرت و استہزا کا نشانہ بنا دیا تھا۔ اس بخیل کی زندگی کے شب و روز پر طنز کرتے ہوئے سودا نے جو پیرایۂ اظہار اپنایا ہے اس میں مبالغے کے ذریعے ایک ایسی کیفیت کو اجاگر کیا گیا ہے جسے پڑھ کر ہنسی اور حیرت کے ملے جلے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ یہ دولت مند بخیل اپنے بیٹے کی فضول خرچی کو دیکھ کر کڑھتا ہے اور اسے سمجھانے کے لیے اس کے دادا کی مثال دیتا ہے جس نے اس کے باپ کی تربیت کی اور اسے رقم ہتھیانے اور تجوری بھرنے کے گر سمجھائے۔ اگرچہ اس کا دادا بھی حاتم کی قبر پر لات مارنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیتا تھا لیکن جس طرح وہ معاش کرتا تھا اس کی تقلید ضروری ہے۔ اس خسیس شخص کے قبیح کردار کا مضحکہ اڑاتے ہوئے سودا نے لکھا ہے :

جو کوئی اس کے گھر میں نوکر تھا
رات کو اس پہ یہ مقرر تھا
پھرتا وہ ٹکڑے مانگتا گھر گھر
لاتا آقا کے آگے جھولی بھر
اچھے چن چن کے آپ کھاتے تھے
برے تنخواہ میں لگاتے تھے
پیدا کر گئے تھے اس طرح اجداد
سویہ بد بخت دے ہے یوں برباد

سودا نے شورش پسندی کے اس دور میں کسی مصلحت کی پروا نہیں کی اور نہ ہی کبھی فسطائی جبر کے سامنے سپر انداز ہو کر تعمیل کے بارے میں سوچا۔ ان کے معاصرین نے اس طرز فغاں کو ہمیشہ بہ نظر تحسین دیکھا۔ سودا کی شاعری میں ان کی گل افشانیِ گفتار کا جو سماں ہے وہ قاری کو اپنی گرفت میں لے کر اسے مسحور کر دیتا ہے۔ ان کا شگفتہ اسلوب در اصل طنز کی آمیزش سے جراحت کو یقینی بناتا ہے۔ ان کا غم بھی حالات سے بیزاری کے بجائے سلیقے اور برداشت کی ایک صورت لیے موجود ہے۔ انھوں نے زندگی کو ایک جبر مسلسل کبھی نہیں سمجھا بل کہ وہ یہ چاہتے تھے کہ ظلمت شب کا شکوہ کرنے کے بجائے ہر شخص اپنے حصے کی شمع فروزاں کرنے پر توجہ دے۔ اس دور انحطاط میں معاشرہ کئی عوارض کا شکار ہو گیا تھا۔ مفت خور لیموں نچوڑ، چڑھتے سورج کی پوجا کرنے والے، بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے اور مفاد پرست عناصر نے اندھیر مچا رکھا تھا۔ سودا نے میر ضاحک کی بسیار خوری کو ایک علامت کے طور پر پیش کیا ہے۔ ایسے لوگ محض کھانے کے لیے زندہ رہتے ہیں۔ پیٹ کا دوزخ بھرنے کے لیے اس قماش کے لوگ دم دبائے کوڑے کے ڈھیر سے جاہ و منصب کی ہڈیاں سونگھتے پھرتے ہیں اور در کسریٰ کو چاٹتے اور وہاں ناک رگڑتے پھرتے ہیں کہ ممکن ہے ان بو سیدہ کھنڈرات سے انھیں نوچ کھانے کے لیے کوئی استخواں مل جائے۔ سودا نے میر ضاحک کو جس طرح پیش کیا ہے اسے دیکھ کر یہ کردار ایک ایسے نفسیاتی کل کا روپ اختیار کر لیتا ہے جس کے ذریعے قاری کو اپنے لا شعور کی حرکت و حرارت کو متشکل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ میر ضاحک جیسے کردار ہمارے معاشرے کی درخشاں اقدار و روایات کو نیست نابود کر دیتے ہیں۔ ایسے لوگ شرم و حیا کو بالائے طاق رکھ کر اپنے مفادات کے حصول کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔ سودا نے اس کردار کے ذریعے اب الوقت عناصر کو آئینہ دکھایا ہے۔

آگ لگ کر کسی کے گھر سے دود
ایک ذرہ بھی گر کرے ہے نمود
لوگ تو دوڑیں ہیں بجھانے کو
دوڑے یہ لے رکابی کھانے کو
اس لیے ہجو خلق کرتا ہے
گالیاں کھانے تک پہ مرتا ہے
نہیں ڈرتا یہ لاٹھی پاٹھی سے
کیا کرے لاٹھی اس کی کاٹھی سے

محمد شاہ رنگیلے کے دور میں مغل سلطنت میں جو گل کھلائے گئے اس کے بارے میں سودا نے اپنے آنسو ہنسی کے خوش رنگ دامنوں میں چھپا کر اپنے جذبات کو اشعار کے قالب میں ڈھالا۔ ان کی شاعری میں طنز و مزاح کی جو کیفیت ہے اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ان کی زندگی کسی حد تک آسودہ تھی۔ سودا نے اپنے ہو نٹوں پر جشن زہر خند سجا کر بھی زندگی کا سفر جاری رکھا لیکن ا س حقیقت کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ اس حساس تخلیق کار کے سینے میں صد موج آہ و نالہ پنہاں تھی۔ ان کے سینہ ء سوزاں میں جو آنسو، آہیں اور نالے پوشیدہ ہیں وہ اہل نظر سے مخفی نہیں۔ گمان گزرتا ہے کہ اپنے دل کی بے تابی کی تسکین کے لیے انھوں نے طنز و مزاح کا سہارا لیا۔ یہ بات بڑی حد تک درست بھی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ سودا نے ایک شان کے ساتھ زندگی گزاری۔ اس سلسلے میں مہربان خان اور بسنت خان خواجہ سرا کی عنایات نے سودا کو کافی حد تک مرور زمانہ سے محفوظ رکھا۔ (13)انھوں نے تغافل احباب کا کبھی گلہ نہ کیا۔ سودا نے فرسودہ خیالات سے دامن بچاتے ہوئے اپنے تجربات، مشاہدات اور جذبات کو ایک نیا، دلکش اور پر لطف پیرایۂ اظہار عطا کیا ہے جو کہ انفرادیت کا مظہر ہے۔ وہ اپنے ما فی الضمیر کو الفاظ کے فرغلوں میں لپیٹ کر پیش نہیں کرتے اور نہ ہی تلخ حقائق کو مبہم علامتوں کے تار عنکبوت کی نذر کرتے ہیں۔ ان کے اشعار عام فہم اور پر تاثیر اسلوب کے آئینہ دار ہیں۔

پوچھا سودا سے میں اک روز کہ اے آوارہ
تیرے رہنے کا معین بھی مکاں ہے کہ نہیں
یک بہ یک ہو کے بر آشفتہ لگا وہ کہنے
کچھ تجھے عقل سے بہرہ بھی میاں ہے کہ نہیں
دیکھا میں قصر فریدوں کے اوپر اک شخص
حلقہ زن ہو کے پکارا کوئی یاں ہے کہ نہیں

لطف اے رشک کہ جوں شمع گھلا جاتا ہوں
رحم اے آہ شرر بار کہ جل جاؤں گا
چھیڑ مت باد بہاری کہ میں جوں نگہت گل
پھاڑ کر کپڑے ے ابھی گھر سے نکل جاؤں گا

قاصد اشک آ کر خبر کر گیا قتل کوئی دل کا نگر کر گیا

ہر آن یاس بڑھنی، ہر دم امید گھٹنی دن حشر کا ہے اب تو فرقت کی رات کٹنی

سیاسی انتشار، خانہ جنگی اور معاشی تباہ حالی کے باعث آخری عہد مغلیہ میں بے بس عوام انتہائی کٹھن حالات میں زندگی کے دن پورے کر رہے تھے۔ غربت، افلاس، بے روزگاری اور بے سروسامانی اس دور کا سب سے بڑ المیہ تھا جو برہنہ تلوار کی صورت میں سسکتی ہوئی رعایا کے سر پر مسلط تھا۔ لوگ پریشاں حالی اور درماندگی کے باعث ذہنی سکون سے محروم تھے۔ سودا کی شاعری میں اس عہد کے اجتماعی کرب، رنج و غم اور حزن و یاس کے جذبات سمٹ آئے ہیں۔ میر و سودا کے دور کو سیاسی انحطاط، معاشی بد حالی اور غربت کا بد ترین دور قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس عہد میں انسانیت کو جو چرکے لگے وہ تاریخ کا ایک الم ناک باب ہیں۔ نا اہل حکمرانوں نے استعماری قوتوں کو کھل کھیلنے کے مواقع فراہم کیے اور ان کی یہ خطا صدیوں کی سزا بن کر عوام پر مسلط ہو گئی۔ اس عہد کی شاعری میں احساس زیاں کو جس دردمندی اور حقیقت پسندی کے ساتھ اشعار کے قالب میں ڈھالا گیا ہے وہ ہر عہد میں فکر و خیال کی نئی شمعیں فروزاں کرنے کا وسیلہ ثابت ہو گا۔ اس عہد کے شعرا نے حریت فکر کی جو روش اپنائی اس کے ذریعے آج کے مورخ کو اس دور کی زوال پذیر حکومتوں اور تباہ حال معاشرے کے بارے میں تمام حقائق معلوم ہو جاتے ہیں۔ ان شعرا کی بات دل سے نکلی اور سیدھی دل میں اترتی چلی گئی۔ قلب اور روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والی یہ شاعری لوح دل پر انمٹ نقوش ثبت کرتی ہے۔ ان شعرا نے شعر گوئی کے مقاصد کو رفعت کے اعتبار سے ہم دوش ثریا کر دیا۔ شاہ عالم نے اپنی بے بصری کے باعث پورا نظام سلطنت ہی ملیا میٹ کر دیا۔ اس کے با وجود یہ بات بلا خوف تردید کہی جا سکتی ہے کہ ادبی سطح پر اس عہد میں اردو شاعری میں جو کامرانیاں حاصل ہوئیں، تاریخ ادب میں آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔ شاہ عالم کے زمانے میں میر تقی میر اور مرزا محمد رفیع سودا جیسے یگانہ ء روزگار شعرا نے اردو شاعری کو اس عظمت سے آشنا کیا کہ زمانہ پھر ان کا مثل پیدا نہ کر سکا۔ ( 14)اس کی اہم ترین بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایک زیرک تخلیق کار تخلیق فن کے لمحوں میں جب اپنے تخلیقی عمل کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کر لیتا ہے تو اس کے اعجاز سے نہ صرف جذبوں کی صداقت کا جادو سر چڑھ کر بو لتا ہے بل کہ ایسی شاعری قلب اور روح کی گہرائیوں میں اتر کر اپنی تاثیر کا لوہا منوا لیتی ہے۔ اس عہد کے ان عظیم شعرا نے اپنی شاعری میں عصری رویوں کو اس فنی مہارت سے اپنے اسلوب میں جگہ دی کہ یہ تخلیقی فن پارے تاریخ کا نہایت معتبر حوالہ بن گئے۔ میرو سودا اور ان کے معاصرین نے بر عظیم پاک و ہند کے تہذیبی اور ثقافتی شعور کو اس مہارت سے اپنے فکر و فن کی اساس بنایا کہ اس کے ذریعے عوام میں احتساب ذات کی امید پیدا ہوئی۔ ان شعرا کے متخیلہ میں انسانی ہمدردی کا عنصر سرایت کر گیا تھا۔ ان شعرا کی شاعری میں تہذیبی اور ثقافتی اقدار کو جس کامیابی سے سمویا گیا ہے وہ ان کے منفرد اسلوب کی دلیل ہے۔ میر کے شہر آشوب اور سودا کی ہجویات میں بالخصوص یہ عنصر قابل توجہ ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ اس شاعری سے حق گوئی و بے باکی کے سوتے پھوٹتے ہیں جو قاری کو مسرت و شادمانی کے منفرد تجربے سے آشنا کرنے کا وسیلہ ہیں۔ تاریخ کے مسلسل عمل پر نظر ڈالنے سے یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ میر و سودا کی شاعری اپنے عہد کی زوال پذیر مغل حکومت، تیزی سے بدلتے ہوئے فکری رجحانات اور جبر کے خلاف مزاحمت کی مظہر ہے۔ ان شعرا نے اپنی شاعری کے ذریعے زندگی کی اقدار عالیہ کی نئے سرے سے شیرازہ بندی پر توجہ مرکوز کر دی۔ ان کی اس تخلیقی فعالیت نے اردو شاعری میں حق گوئی و بے باکی اور مثبت انداز فکر پر مبنی اظہار و ابلاغ نے ایک مضبوط و مستحکم روایت کی صورت اختیار کر لی جو تا ابد دلوں کو ایک نیا ولولہ عطا کرتی رہے گی۔
دہلی کی زوال پذیر مغل حکومت نے تمام اقدار و روایات کو ملیا میٹ کرد یا۔ اس کے مسموم اثرات سے تہذیبی اور ثقافتی سطح پر ایک خلا پیدا ہو گیا۔ معاشرتی زوال کے باوجود اس عہد کے اہل قلم نے پرورش لوح و قلم پر بھر پور توجہ دی۔ میر تقی میر کی شاعری اور خود نوشت (ذکر میر )میں اس عہد کے حالات کی جو مرقع نگاری کی گئی ہے وہ چشم کشا صداقتوں سے لبریز ہے۔ ذکر میر اگرچہ ایک مختصر خودنوشت ہے لیکن اس کی تاریخی اہمیت مسلمہ ہے۔ میر تقی میر نے اس میں اپنی زندگی کے تمام نشیب و فراز لکھ دئیے ہیں۔ اس اعتبار سے یہ سوانح عمری ایک معتبر تاریخی حوالے بنیادی ماخذ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اس عہد ستم میں بے روزگاری، غربت، معاشی اور اقتصادی زبوں حالی نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا تھا۔ ان ہراساں شب و روز میں پریشاں حالی، درماندگی، افلاس اور بے روزگاری کی نحوست سے عوام زندہ درگور ہو گئے تھے۔ میر تقی میر نے اپنی زندگی کے ان صبر آزما حالات کے بارے میں لکھا ہے :
’’ میں بھیک مانگنے کے لیے اٹھا اور شاہی لشکر کے ہر سر دار کے در پر گیا۔ چوں کہ میری شہرت بہت تھی، لوگوں نے میرے حال پر خاطر خواہ توجہ کی۔ کچھ دن کتے بلی کی سی زندگی گزاری اور (آخر کار )حسام الدولہ کے چھوٹے بھائی وجیہہ الدین خاں سے ملا۔ اس نے میری شہرت اور اپنی اہلیت کے مطابق تھوڑی بہت مدد کی اور بہت تسلی دی۔ ‘‘ (15)
میر تقی میر نے اپنے عہد کے حالات کو جس دیانت سے پیش کیا ہے وہ ان کی دردمندی، خلوص، وقار، انسانیت نوازی اور خود داری کی دلیل ہے۔ ایک حساس اور وسیع النظر تخلیق کار کی حیثیت سے انھوں نے اپنے بارے میں جو کچھ لکھا ہے یہی کٹھن حالات سب با ضمیر لوگوں کو درپیش تھے۔ اس کے بر عکس بے ضمیروں کے وارے نیارے تھے۔ مرزا محمد رفیع سودا نے اس عہد کے شاہ بے خبر کے انتظام سلطنت کو ہدف تنقید بنایا۔ عقابوں کے نشیمن اب زاغوں کے تصرف میں آ چکے تھے۔ مغل شہنشاہ جو کسی زمانے میں بائیس صوبوں کا مطلق العنان حکم ران ہوا کرتا تھا اب اس کی یہ حالت تھی کہ ’’کول ‘‘ کی فوج داری بھی اس کے اختیار میں نہ رہی۔ معاشی بد حالی، بد امنی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دشوار کر دیا تھا۔ اس منظر جو رو جفا کے بارے میں سودا نے لکھا ہے:

کہا میں آج یہ سودا سے کیوں تو ڈانواں ڈول
پھرے ہے جا کہیں نوکر ہو لے کے گھوڑا مول
لگا وہ کہنے یہ اس کے جواب میں دو بول
جو میں کہوں گا تو سمجھے گا تو کہ ہے یہ ٹھٹھول
بتا کہ نوکری بکتی ہے ڈھیریوں یا تول

جس وقت دہلی میں مغلیہ سلطنت کی بساط الٹنے والی تھی اس وقت میر و سودا نے تہذیبی سطح پر جو گراں قدر خدمات انجام دیں وہ تاریخ ادب کا ایک اہم باب ہیں۔ سیاسی اور معاشرتی انحطاط کے اس لرزہ خیز، اعصاب شکن ماحول میں اردو شعرا نے جس عزم اور ہمت سے فکری بیداری کا اہتمام کیا وہ نا قابل فراموش ہے۔ مغلیہ سلطنت کے زوال کی بحرانی کیفیت میں ان شعرا کا کلام فکر و نظر کو مہمیز کرنے کا وسیلہ بن گیا۔ معاشی اختلال کے باعث لوگوں پر جو کوہ غم ٹوٹا اس کی حقیقت پسندانہ مرقع نگاری کرنے والے ان شعرا کا نام تاریخ ادب میں شہرت عام اور بقائے دوام حاصل کر چکا ہے۔

مآخذ

(1)اشتیاق حسین قریشی :بر عظیم پاک و ہند کی ملت اسلامیہ، کراچی یونیورسٹی، اشاعت دوم، 1983، صفحہ 132
(2)وقار عظیم سید :تاریخ ادبیات مسلمانان پاکستان و ہند، پنجاب یونیورسٹی، ساتویں جلد، لاہور، طبع اول، 1971، صفحہ 1۔
(3)گستاولی بان ڈاکٹر:تمدن ہند، (اردو ترجمہ ڈاکٹر سید علی بلگرامی )، مطبع شمسی، آگرہ، 1913ِ صفحہ 161۔
(4)افتخار حسین آغا ڈاکٹر :قوموں کی شکست و زوال کے اسباب کا مطالعہ، مجلس ترقی ادب، لاہور، طبع دوم، جون 1985، صفحہ 50۔
(5)مبارک علی ڈاکٹر :آخری عہد مغلیہ کا ہندوستان، نگارشات، لاہور، مارچ 1986، صفحہ 28۔
(6)جمیل یوسف :بابر سے ظفر تک، کتاب گھر، اسلام آباد، بار سوم، 1989، صفحہ 234۔
(7)حسن اختر ملک ڈاکٹر :اردو شاعری میں ایہام گوئی کی تحریک، یونیورسل بکس، لاہور، 1986، صفحہ 24۔
8))بہ حوالہ مبارک علی ڈاکٹر :آخری عہد مغلیہ کا ہندوستان، صفحہ 21۔
(9)بہ حوالہ کلب علی خان فائق رام پوری :مومن، مجلس ترقی ادب، لاہور، اشاعت اول، 1961 صفحہ 13۔
(10)مبارک علی ڈاکٹر :آخری عہد مغلیہ کا ہندوستان، صفحہ 33۔
(11)بہ حوالہ کلب علی خان فائق:مومن صفحہ 14۔
(12)عبداللہ یوسف علی :انگریزی عہد میں ہندوستانی تمدن کی تاریخ، کریم سنز پبلشرز، کراچی، اشاعت اول، 1967، صفحہ 56۔
(13)نور الحسن ہاشمی ڈاکٹر :دلی کا دبستان شاعری اردو اکیڈمی سندھ، کراچی، دسمبر 1966، صفحہ 168۔
(14)نیاز فتح پوری :انتقادیات، ادارہ ادب العالیہ، کراچی، ستمبر 1959، صفحہ 32
(15)بہ حوالہ جمیل جالبی ڈاکٹر :تاریخ ادب اردو، جلد دوم، مجلس ترقی ادب، لاہور طبع دوم، اپریل ,1987 صفحہ 517۔
٭٭٭

دکن میں اردو ادب کا ارتقا

712ء میں جب محمد بن قاسم نے سندھ کے علاقے میں پیش قدمی کی تو بر عظیم میں ایک نئی تہذیب و ثقافت کی آمد کی نوید ملی۔ عربوں کی آمد کے سا تھ ہی ملتان، اچھ، شورکوٹ اور منصورہ کو اہم علمی مراکز کی حیثیت حاصل ہو گئی۔ آفتاب اسلام کی ضیا پاشیوں سے جنوبی ہند میں تاریکیوں کو کافور کرنے کے جس سلسلے کا آغاز ہوا، اس سے گجرات میں بھی روشنی کے عظیم الشان سفر کا آغاز ہوا۔ جنوبی ہند کی طرح گجرات کے ساتھ عربوں کے تجارتی تعلقات زمانہ قدیم سے چلے آ رہے ہیں۔ گجرات کی اپنی ایک انفرادیت رہی ہے۔ چھٹی صدی قبل مسیح میں گجرات کے کچھ علاقے ایرانی حکومت میں شامل تھے۔ (1)گجرات کو ایک اہم تجارتی مرکز کی حیثیت سے ممتاز مقام حاصل تھا۔ 78687مربع کلو میٹر پر مشتمل یہ ریاست اپنے سولہ سو کلو میٹر کے ساحلی علاقے کی وجہ سے زمانہ قدیم سے تجارتی مر کز رہی ہے۔ بحرین، مصر اور خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ گجرات کے تجارتی تعلقات کا عرصہ 1000سے 750قبل مسیح پر محیط ہے۔ اس علاقے کی تہذیب و ثقافت، فنون لطیفہ اور ادبیات پر بیرونی اقوام کے اثرات نمایاں ہیں۔ گجرات کی حدیں سندھ سے ملتی ہیں۔ سندھ پر بنو امیہ نے 39سال حکومت کی اس کے بعد ایک صدی تک اس علاقے میں بنو عباس کی حکومت رہی اس کے بعد بھی یہ علاقہ عربوں کے زیر نگیں رہا۔ مجموعی طور پر سندھ میں عربوں کی حکومت کا عرصہ 282سال ہے۔ (2)تاریخی حقائق سے معلوم ہوتا ہے کہ 121ہجری میں عباسی خلیفہ متوکل نے عمر بن عبدالعزیز ہباری قریشی کا تقرر بہ حیثیت حاکم سندھ کیا۔ مقامی حالات اور سیاسی نشیب و فراز کے تحت ا س عرب خاندان نے خود مختاری حاصل کر لی اور اس کا تعلق بغداد کی حکومت سے برائے نام تھا۔ اس خاندان کی حکومت نے پڑوسی ریاستوں کے ساتھ نصف صدی تک قریبی تعلقات استوار قائم رکھے۔ سندھ ملتان اور گجرات کے علاقوں میں تہذیبی سطح پر جو تبدیلیاں رونما ہو رہی تھیں علم و ادب پر اس کے ہمہ گیر اثرات مرتب ہوئے۔ شمالی ہند کے مقابلے میں گجرات اور دکن کے علاقوں میں ان تبدیلیوں کے اثرات زیادہ نمایاں تھے۔ گجرات میں سلطان محمود غزنوی، سلطان معز الدین محمد بن سام غوری، قطب الدین ایبک اور علاؤالدین خلجی کی مہمات کی وجہ سے حالات کی کایا پلٹ گئی۔ سماجی، ثقافتی، تہذیبی اور معاشرتی سطح پر ایک نئے نصب العین اور ایک نئی سوچ کی راہ ہموار ہو گئی۔ تخلیقی سوچ پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوئے۔ ایک منفرد احساساتی کیفیت کو نمو ملی۔ نئے لسانی عمل کا آغاز ہوا جس کے اعجاز سے تخلیق فن کے لیے نئے تجربات، نئے اسالیب اور نئے موضوعات کے بارے میں سوچ پروان چڑھنے لگی۔
بر صغیر کی جغرافیائی تقسیم کچھ اس طرح کی ہے کہ دریائے نر مدا(Narmada)اسے دو حصوں میں تقسیم کرتا ہے۔ میکالہ رینج (Maikala Range)سے نکلنے والا یہ دریا جو مشرق سے مغرب کی جانب رواں دواں ہے، ہندوستان کے بڑے دریاؤں میں سے ایک ہے۔ اس دریا کی لمبائی1289کلو میٹر ہے اور یہ مدھیہ پردیش، گجرات اور مہاراشٹر سے گزرتا ہے۔ اس دریا کے اس پار کے جنوبی علاقوں کو دکن کہا جاتا ہے۔ بر صغیر کو شمال اور جنوب کے دو حصوں میں تقسیم کرنے میں دریائے نرمدا کے علاوہ وندھیا رینج (Vindhya Range)کا سلسلہ ء کوہ بھی جغرافیائی تبدیلیوں کا امین ہے۔ یہ سلسلہ ء کوہ جو مغرب میں گجرا ت تک ہے مشرق میں راجھستان اور مدھیہ پردیش تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کی لمبائی 1086کلو میٹر ہے۔ یہ ایک واضح جغرافیائی تقسیم ہے جس نے ہر شعبہ ء زندگی پر دور رس اثرات مرتب کیے۔ اگر اردو زبان و ادب کے ارتقا پر نظر ڈالیں تو یہ حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ تاریخی اعتبار سے جنوبی ہند میں اردو زبان نے پہلے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ جنوبی ہند کے علاقوں گجرات اور دکن میں جس وقت اردو شاعری کا آغاز ہوا، اس وقت شمالی ہند میں اس کے کوئی آثار موجود نہ تھے۔ دکن میں اردو شاعری کا آغاز بہمنی عہد (1347-1527)میں ہو چکا تھا۔ اس عہد کی ادبی تاریخ، تخلیق کاروں کے سوانح اور بیش تر ادب پارے ابلق ایام کے سموں کی گرد میں اوجھل ہو چکے ہیں۔ بہمنی عہد میں تخلیق ہونے والے اردو زبان کی شاعری کے اولین نمونے جن کی مدد سے اردو شاعری کے ارتقا کی حقیقی صورت حال کے بارے میں آگاہی ملتی ہے، ان کی تعداد بہت کم ہے۔ دکن میں اس زبان میں تخلیق ہونے والی شاعری کے ابتدائی نمونے اس حقیقت کے غماز ہیں کہ اردو شاعری کا ہیولیٰ یہیں سے اٹھا تھا۔ خواہ اسے کسی نام سے پکارا جائے یہ اردو شاعری کا نقش اول ہی سمجھا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر گجرات میں اردو شاعری کے اولین نمونوں کو گجری یا گجراتی زبان کی شاعری کے نمونے قرار دیا جاتا ہے۔ اگرچہ ان کی تعداد بہت کم ہے لیکن اپنی اصلیت کے اعتبار سے یہی اردو شاعری کی ابتدائی شکل ہیں۔ بہنی دور میں دکن کو اہم تجارتی اور علمی مرکز کی حیثیت حاصل رہی تاہم اس عہد کی کوئی قابل ذکر تصنیف اب دستیاب نہیں۔ اس عہد کے ایک ممتاز ادیب عین الدین گنج العلم کا نام مختلف تذکروں میں ملتا ہے لیکن اس کی کسی ایسی تصنیف کا سراغ نہیں مل سکا جو زبان دکنی میں ہو۔ اس دور کی اولین اور اہم ترین تصنیف جس تک ادب کے طلبا کی رسائی ہے وہ فخر الدین نظامی کی تصنیف ’’کدم راؤ پدم راؤ‘‘ ہے۔ مثنوی ’’کدم راؤ پدم راؤ ‘‘بہمنی خاندان کے نویں بادشاہ سلطان احمد شاہ ولی بہمنی کے عرصہ ء اقتدار (1421-1434)میں لکھی گئی۔ اس مثنوی کا اہم ترین موضوع سلطان احمد شاہ ولی بہمنی کے عہد حکومت کے اہم واقعات اور معا ملات سلطنت ہیں۔ اس مثنوی میں سیاسی نشیب و فراز، معاشرتی زندگی کے ارتعاشات اور سماجی مسائل کے بارے میں تاریخ کے مسلسل عمل کو پیش نظر رکھتے ہوئے بڑی مہارت سے لفظی مرقع نگاری کی گئی ہے۔ اس میں صد آفرینی کی جو کیفیت ہے اس کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے۔ اس عہد کے حالات نے تہذیبی اور ثقافتی زندگی اور فنون لطیفہ پر جو اثرات مرتب کیے ان کے بارے میں یہ مثنوی ایک اہم ماخذ ہے۔

شہنشہ بڑا شاہ احمد کنوار
پرت پال، سنسار، کرتا ادھار
دھنیں تا اج کا کون راجا ابھنگ
کنور شاہ کا شاہ احمد بھجنگ
لقب شہ علی آل بہمن ولی
ولی تھی بہت بدھ تد آ گلی

اس مثنوی میں جو زبان استعمال کی گئی ہے وہ چھے سو سال قدیم ہے۔ اتنی قدیم زبان کے ذخیرہ ء الفاظ کو آج کے دور میں سمجھنا بلا شبہ ایک کٹھن مر حلہ ہے۔ اس مثنوی میں اسلوب کے دو پہلو قابل توجہ ہیں۔ ایک تو یہ کہ تخلیق کار نے ’’ہندوی اثرات ‘‘کو اپنے اسلوب میں پوری آ ب و تاب سے جگہ دی ہے۔ دوسرا پہلو یہ ہے اس مثنوی میں فارسی زبان اور اس کا لہجہ واضح طور پر موثر دکھائی دیتا ہے۔ اس طرح اسلوب میں ایک دھنک رنگ کیفیت سامنے آ تی ہے۔ لسانی ارتقا ایک مسلسل عمل ہے۔ گردش ماہ و سال کے نتیجے میں زبانیں بھی اپنے ذخیرہ ء الفاظ میں ردو بدل اور ترک و انتخاب کے مرحلے سے گزرتی رہتی ہیں۔ نئے نئے خیالات، متنوع اسالیب اور نئی زبانوں کے الفاظ کے اشتراک عمل سے ایک قوس قزح کا منظر نامہ مرتب ہوتا ہے۔ لسانی ارتقا کی یہ کیفیت جہاں تخلیق کار کی ذاتی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے وہاں اس کے مطالعہ سے اقتضائے وقت کے مطابق عصری آگہی کے پہلو بھی سامنے آتے ہیں۔ مثنوی کے تخلیق کار نے اپنا پورا نام اور تخلص اپنی تخلیق میں متعدد مقامات پر لکھا ہے :
مجھے ناؤں ہے قطب دیں قادری
تخلص سو فیروز ہے بے دری
بہمنی دور میں جو ادب تخلیق ہوا اس میں پائے جانے والے درج ذیل تین رجحانات قابل توجہ ہیں جن کی عکاسی اس عہد کے اہم تخلیق کاروں کے اسلوب میں ہوتی ہے :
1۔ زیادہ تر تخلیق کاروں نے شعوری غور و خوض سے یہ کوشش کی کہ عجائبات فطرت، عبرت آموز واقعات، لوک داستانوں، قصوں، کہانیوں، انوکھی باتوں یا دلچسپ موضوعات کو پر لطف انداز میں اشعار کے قالب میں ڈھال کر قارئین ادب کے لیے سکون قلب اور مسرت کے فراواں کے مواقع پیدا کیے جائیں۔
2۔ بہمنی عہد کے اکثر تخلیق کاروں کی توجہ مذہبی اقدار و روایات، تاریخی واقعات، اور سبق آموز حکایات کو شاعری میں سمونے پر مرکوز رہی۔
3۔ بہمنی عہد کے تخلیق کاروں کے اسلوب میں مذہب سے وابستگی کا عنصر غالب رہا۔ انھوں نے مقدور بھر کوشش کی کہ تصوف اور مذہبی رشد و ہدایت کے اہم موضوعات کو شاعری کے وسیلے سے قارئین تک پہنچایا جائے۔ وہ سمجھتے تھے کہ شاعری ہی وہ واحد ذریعہ ہے جو قارئین ادب تک ان کے خیالات کی ترسیل پر قادر ہے۔ تخلیق فن کے لمحوں میں بہمنی دور کے تخلیق کاروں نے ادب کے وسیلے سے مسرت و شادمانی کے حصول کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ان کے ادب پاروں میں ان کی شخصیت کے اہم پہلو پوری طرح سما گئے ہیں۔ ان کے شخصی وقار نے تخلیقی عمل کو بھی اسی حسین رنگ میں رنگ لیا ہے۔ اس عہد کی مشہور اور مقبول مثنوی ’ ’کدم راؤ پدم راؤ‘‘ میں تخلیق کار کے اسلوب میں پائے جانے والے رجحانات کی چند مثالیں پیش ہیں، ان کے مطالعہ سے لسانی ارتقا کے مختلف مدارج کی تفہیم میں مدد مل سکتی ہے۔

سنیا تھا کہ ناری دھرے بہت چھند
سو میں آج دیٹھا تری چھند پند
بڑے ساچ کہہ کر گئے بول اچوک
دودھا دود کا چھاچھہا پیوے پھوک
مجھے مارناں مار کے گھال دے
ولے آج اکھر مار نیکال دے
جو کج کل کرنا سو توں آج کر
نہ گھال آج کا کام توں کال پر
بھلائے کوں بھلائی کرے کچ نہ ہوئے
برے کوں بھلائی کرے ہوئے تو ہوئے

نظامی کی ایک اور مثنوی ’’خوف نامہ ‘‘ ہے۔ اس مثنوی میں تخلیق کار کے اسلوب میں ارتقا دکھائی دیتا ہے۔ پہلی مثنوی کی نسبت اس دوسری مثنوی میں نظامی نے سادہ، سلیس اور صاف لہجہ اپنایا ہے۔ اس مثنوی میں شاعر نے حیات بعد الموت کے مسائل کو موضوع بنایا ہے۔ انھوں نے قاری کو روز محشر کے بارے میں مذہبی روایات سے مطلع کیا ہے۔ قیامت کے دن اعمال کی بنا پر جزا اور سزا کا نہایت موثر اور دل نشیں انداز میں ذکر کیا گیا ہے۔ شاعر نے اپنے ناصحانہ اسلوب کے ذریعے قاری کو اخلاقیات کا درس دیا ہے۔ اس مثنوی میں تعلیم کو اولین ترجیح سمجھتے ہوئے شاعر نے افراد کے اعمال کی اصلاح کو اپنا مطمح نظر ٹھہرایا ہے۔ اس مثنوی میں تفریح کے بجائے تعلیم پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ رفعت تخیل اور جذبات کی صداقت اس شاعری کے اہم وصف ہیں :

نہ بھائی کوں بھائی مددگار ہوئے
نہ کوئی یار کوں غم خوار ہوئے
میاں کوں نہ کوئی بھی آوے غلام
گواہ دیون اس وقت اعضا تمام
یہی وقت اچھے گا بر یک تن اپر
کہ بھویں پھاٹے نین جو سینے بھتر

شاعری میں علاقائی بولیوں اور مروج زبانوں کے الفاظ کا استعمال اس زمانے میں عام تھا۔ تخلیق کار اس بات کے آرزومند تھے۔ وہ تخلیق فن کے لمحوں میں زندگی کے بارے میں بدلتے ہوئے تقاضوں، متغیر اقدار و روایات اور نئے حقائق کو پیرایہ ء اظہار عطا کر سکیں۔ حسن شوقی کی مثنوی ’’فتح نامہ نظام شاہ ‘ ‘ (1564)اور اشرف بیابانی (1459-1528)کی مثنوی ’’نوسر ہار ‘‘اس عہد میں زبان و بیان کی ارتقائی کیفیت کی مظہر تصانیف ہیں۔ اشرف بیابانی اپنی تصانیف ’’ واحد باری ‘‘ اور قصۂ آخر الزماں ‘‘ کی شاعری میں استعمال ہو نے والی زبان کو ہندی یا ہندوی کا نام دیتا ہے۔
ایک ایک بول یہ موزوں آن
تقریر ہندی سب بکھاں
تخلیقی اعتبار سے دیکھیں تو تخلیق ادب کے یہ معائر جہاں نئے حقائق کے مظہر ہیں وہاں ان کی وجہ سے جمود کا خاتمہ ہوا اور نیا لسانی نظام وجود میں آنے کے امکانات روشن ہوتے چلے گئے۔ اسی عہد کے ایک شاعر میراں جی شمس العشاق (م:1494)نے اپنی شاعری میں تصوف کے موضوع پر نہایت دلنشیں انداز میں اپنے اشہب قلم کی جولانیاں دکھائی ہیں۔ بہمنی عہد میں ان شعرا کی کاوشوں سے اردو کو پورے دکن میں زبردست پذیرائی نصیب ہوئی۔ ماہرین لسانیات کا خیال ہے کہ بہمنی عہد میں تخلیق ادب کے سلسلے میں پورے دکن میں صرف اردو ہی واحد مشترک زبان تھی جس میں تخلیق کار پرورش لوح و قلم میں مصروف تھے۔ دکن کے اہل قلم نے اردو نثر میں بھی سب سے پہلے اپنے تخلیقی سفر کا آغاز کیا۔ اخلاق و تصوف کے موضوعات پر اس عہد میں چند رسائل منصہ ء شہود پر آئے۔ ان رسائل کے مصنف شیخ گنج العلم ہیں۔ یہ رسائل بہمنی خاندان کے عہد میں دکن کی سر زمیں سے تصنیف ہوئے۔ میراں جی شمس العشاق کی موضوعاتی نظمیں خوش نامہ، خوش نغز، شہادت التحقیق اور مغز مرغوب اس زمانے میں زبان زد عام تھیں۔ ذیل میں بہمنی عہد کے شاعر میراں جی شمس العشاق کی تصنیف ’’شہادت التحقیق ‘‘سے ایک اقتباس پیش ہے۔ اس اقتباس کے مطالعہ سے یہ حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ نئی زبان نے پرانی مروج زبان سے اس لیے برتری حاصل کی کہ اس نئی زبان میں قاری کے لیے افادی پہلو نمایاں تھا۔ اس کے بر عکس شمالی ہند میں ابھی اردو نے اس قدر ترقی نہیں کی تھی جس قدر وہ دکن میں کر چکی تھی۔ دکن میں رونما ہونے والی لسانی تبدیلیاں یہ ظا ہر کرتی ہیں کہ زبان کی سطح پر ذخیرہ ء الفاظ اور علاقے کی دوسری بولیوں اور زبانوں کے امتزاج و انجذاب کا جو تجربہ اس خطے میں کیا جا رہا تھا اس کے معجز نما اثر سے لسانی شعبے میں ایک دور رس تبدیلی کے رونما ہونے کے امکانات روشن تر ہوتے چلے گئے۔ اس زبان میں جو پیرایہ ء اظہار اپنایا گیا ہے وہ اپنی لطافت اور احسا س ترفع میں اپنی مثال آپ ہے۔ تہذیبی اور ثقافتی سطح پر یہ ایک مثبت تبدیلی کی نوید ہے :

اللہ، محمد ﷺ، علیؓ ، امام، دائم ان سوں حال
سب خاصوں سوں اللہ اللہ توں رکھوں کیا کمال
مغز مرغوب دھریا جانو اس نسخے کا نام
مرشد موکھوں سمجھے تو ہوئے کشف تمام
خفی غیر پر لا کرے، الا اللہ اثبات
پرتی بدھ اٹوپی نا باج کرو کی بات

میراں جی شمس العشاق کی زندگی ہی میں بہمنی سلطنت کا شیرازہ بکھرنا شروع ہو گیا۔ حکم رانوں کی بے بصری کے باعث انتشار، خانہ جنگی اور باہمی افتراق نے سیاسی عدم استحکام پیدا کر دیا۔ معاشرتی زندگی میں ظالم و سفاک، موذی و مکار استحصالی طبقے کو کھل کھیلنے کا موقع مل گیا۔ مجبوروں اور مظلوموں کی زندگی اجیرن کر دی گئی۔ اس طوائف الملوکی، انتشار اور لا قانونیت کا نتیجہ یہ نکلا کہ قومی یک جہتی عنقا ہو گئی اور پوری سلطنت پانچ ٹکڑوں میں بٹ گئی۔ یہ انتشار بیدر، احمد نگر، بیجا پور، گولکنڈہ اور برار کی خود مختار ریاستوں کے قیام پر منتج ہوا۔ ہر ریاست میں الگ الگ نظام سلطنت قائم ہو گیا۔ ان میں سے دکن کے مغرب میں واقع بیجاپور میں عادل شاہی حکومت (عرصہ ء اقتدار :1490-1686) کے عہد میں ارو زبان کو بہت فروغ ملا۔ اسی عہد میں مشاعروں کے رجحان نے تقویت پکڑی جس نے بعد میں ایک مضبوط و مستحکم روایت کی صورت اختیار کر لی اور ان عصری رویوں اور رجحانات نے شمالی ہند میں بھی اس نے مقبولیت حاصل کر لی۔ اس عہد کی دکھنی زبان میں تخلیقی عمل جاری رہا اور اس میں تیزی آنے لگی۔ بہنی عہد میں دکھنی زبان کے فروغ کے لیے جو مساعی کی گئیں عادل شاہی دور میں وہ ثمر بار ہوئیں۔ دکھنی اردو میں تخلیق ادب پر توجہ مرکوز رہی۔ ابراہیم عادل شاہ ثانی (عرصہ ء اقتدار :1580-1627)اپنی غریب پروری، علم دوستی، ادب پروری اور فنون لطیفہ کی سر پرستی کی وجہ سے ’’جگت گرو ‘‘کے نام سے مشہور ہوا۔ اس نے اردو کی سرکاری سطح پر سر پرستی کی اور حکومتی کاموں، دفتری امور، اور ریاستی اداروں میں اردو زبان ہی مستعمل تھی۔ اس زمانے میں ریاست گولکنڈہ میں قطب شاہی حکومت (عرصہ ء اقتدار : 1518-1687) قائم تھی۔ گولکنڈہ اور بیجا پور میں اردو زبان و ادب کی نمو، نشو و ارتقا پر بھرپور توجہ دی گئی۔ گولکنڈہ کے حاکم اور اس عہد کے ممتاز ادیب اور اردو کے پہلے صاحب دیوان شاعر اور عظیم تخلیق کار سلطان محمد قلی قطب شاہ (پیدائش :1565وفات :1611)نے اردو زبان کی ترویج و اشاعت میں جو اہم کردار ادا کیا وہ تاریخ ادب میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اس کی دریا دلی، فیاضی اور علم دوستی کی وجہ سے اسے بہت مقبولیت نصیب ہوئی۔ اردو، فارسی اور تلنگی کے علاوہ کئی مقامی ز بانوں پر خلاقانہ دسترس رکھنے والے اس نابغۂ روزگار تخلیق کار نے پچاس ہزار سے زائد اشعار لکھ کر جریدہ ء عالم پر اپنا دوام ثبت کر دیا۔ سلطان محمد قلی قطب شاہ کا تخلص’’ معانی ‘‘تھا۔ اردو زبان میں اسے پہلے صاحب کلیات شاعر کی حیثیت سے امتیازی مقام حاصل ہے۔ 1020 ہجری میں اس کا دیوان مکمل ہوا جس کا منظوم دیباچہ عبداللہ قطب شاہ نے تحریر کیا۔ اس منظوم دیباچے کے چند اشعار درج ذیل ہیں :

رہیا جائے نا شاعراں من منیں
بن آ کے صفت شعر کے فن سنیں
جو خاصا ہے یو شاعراں کا ہر ئیک
نہ ریں بن کہے وصف بتیاں کیتک
مگر شاہ کہے بیت پچاس ہزار
دہرے وصف ایس سو کہن بہت عار

قلی قطب شاہ کے دربار میں اس عہد کے متعدد نامور ادیب، شاعر اور دانش ور موجود تھے۔ ان میں میر محمد مومن، ملا وجہی، اور غواصی کے نام قابل ذکر ہیں۔ سلطان محمد قلی قطب شاہ نے جو لسانی تجربہ کیا اس کا اہم ترین پہلو یہ ہے کہ اس کے تخلیقی عمل میں کئی تہذیبوں کا سنگم دکھائی دیتا ہے۔ ایک زیرک تخلیق کار کی حیثیت سے اس نے ایرانی، عربی اور مقامی تہذیب و ثقافت کے درخشاں پہلوؤں کو اپنے فکر و فن کی اساس بنایا۔ اس کے تخلیقی عمل میں فارسی شاعری کی روایت اور اسا لیب پر توجہ مرکوز رہی۔ اس نے علم عروض، صنائع بدائع بالخصوص تشبیہات، استعارات اور تلمیحات کے سلسلے میں بالعموم فارسی زبان کی روایات کو پیش نظر رکھا ہے۔ اس کی شاعری میں اس عہد کی تہذیب و معاشرت کی حقیقی تصویر جلوہ گر ہے۔ جہاں تک حسن و رومان اور عشق و محبت کے موضوع کا تعلق ہے، قلی قطب شاہ نے یہاں ہندی روایت کو پیش نظر رکھا ہے۔ اس نے اظہار محبت، اور پیمان وفا باندھنے کے سلسلے میں ہندی روایت ہی کو اپنی شاعری میں جگہ دی ہے۔ عشق کی ہندی روایت میں محبت کا اظہار سب سے پہلے عورت کی جانب سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد وہ محبت کے دشت پر خار میں جب آبلہ پا مسافر کی طرح صدائے جرس کی جستجو میں بھٹک کر سرابوں اور سکوت کے صحرا میں آہ و فغاں کرتی ہے تو یہ بات قاری کے دل میں اتر جاتی ہے۔ حریف اور رقیب کے ستم تو حرف حرف بیان کیے جا سکتے ہیں مگر عاشق کی کج ادائی اور بے وفائی خون کے آنسو رلاتی ہے۔ قلی قطب شاہ کے اسلوب کو سمجھنے کے لیے اس کے چند اشعار پیش ہیں :

پیا کس سوں گمائی رات ساری
تمن انکھیاں میں پائی میں خماری
پیا باج پیالہ پیا جائے نا
پیاباج یک تل جیا جائے نا
کہی تھے پیا بن صبوری کروں
کہیا جائے اماکیا جائے نا
نہیں عشق جس وہ بڑا کوڑ ہے
کدھیں اس سے مل بیسیا جائے نا
قطب شاہ نہ دے مج دوانے کو ں پند
دوانے کوں کج پند دیا جائے نا

سلطان محمد قلی قطب شاہ کو سراپا نگاری میں کمال حاصل تھا۔ اس کے نظام خیال میں سادگی، سلاست، خلوص اور درد مندی کی فراوانی ہے۔ وہ ہر موضوع پر بے تکلفی سے اظہار خیال کرنے پر قادر ہے۔ اس کے اسلوب میں تصنع اور ریا کاری کہیں موجود نہیں۔ وہ راست گوئی کو شعار بنا کر زندہ و تابندہ خیالات کی ا ساس پر اپنی شاعری کا قصر عالی شان تعمیر کرنے کی سعی میں مصروف رہا۔ اس عہد کے حالات، احساساتی کیفیات اور خیالات کو جس حسین پیرائے میں اس نے بیان کیا ہے وہ اس کی انفرادیت کی دلیل ہے :

پھل بن رخ یار خوش ندیسے
بن مد پھلی جھاڑ خوش ندیسے
مری پیاری سہاتی ہے تجھے اپ حسن زیبائی
( معانی : سہاتی :سجتی، زینت بخشتی، تجھے اپ حسن : تجھے اپنے حسن )

بہت روپ ونت ناریاں ہیں دیا اللہ تج شاہی
عشق میں کرے اپ آشیانہ
سچیں تج کو سہاتا ہے اے خانہ
( معانی : سچیں :سچ مچ، بجا طور پر، بر محل )

ساقیا آ شراب ناب کہاں
چند کے پیالے میں آفتاب کہاں
( معانی : چند : چاند )

ساری بھنواں تیریاں جوں کہ چند
اسے دیکھنے میں ہیں عشاق بند
توں سولہ سنگاراں کوں جب پین آئے
تجے کون سکلائے اے مست چھند
ہوئے عاشقاں بے خبر دیکھ تج
تجھے دیکھ کر پائے عیشاں انند
(معانی : انند :مسرت، راحت، خوشی )

تمھار حسن سو قدرت تھی روشنی پایا
ہوراں کا حسنترے حسن انگے جیسے چراغ
شراب پھول کھلے تیرے باغ نو خط میں
پلا توں ساقی ء سر مست منج کوں یک دو ایاغ
برہ کا باؤ منجے باوارا کیا ہے اب
صبا کا باؤ معطر کریں توں میرا دماغ
معانی شکر خدا کر، نہ کر توں غم ہر گز
نبی ﷺ کے نانوں تھی آتا تو جھے خوشی کا سراغ

بہمنی دور کے بعد قطب شاہی دور میں اردو زبان و ادب کے فروغ کا سلسلہ جاری رہا۔ جنوبی ہند میں اردو زبان و ادب کو مضبوط و مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے میں اس عہد کے تخلیق کاروں نے بڑی محنت اور جگر کاوی کا ثبوت دیا۔ اس عہد کے ادیبوں نے تاریخی شعور کو بروئے کار لاتے ہوئے قارئین ادب کو اخلاص و مروت کا پیغام دیا۔ گولکنڈہ کے قدیم ادیبوں کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ اس عہد کے اہم تخلیق کاروں کی تخلیقی فعالیت کا اجمالی جائزہ درج ذیل ہے :

1۔ ملا خیالی :یہ با کمال تخلیق کار جس نے 1569تک تخلیق ادب کی شمع فروزاں رکھی وفات کے بعد گوشہ ء گم نامی میں چلا گیا۔ سیل زماں کے تھپیڑوں نے اس کی حیات اور خدمات کو ریگ ساحل پر لکھی تحریر کے مانند مٹا دیا۔ اس عہد کے ممتاز ادیب جن میں نشاطی اور ملا وجہی جیسے صاحب کمال شامل ہیں وہ بھی اس کے ادبی کمالات کے معترف تھے۔ اپنی تصنیف ’’پھول بن‘‘ میں ابن نشاطی نے اس عظیم تخلیق کار کو یاد کرتے ہوئے لکھا ہے :

اچھے تو دیکھتا ملا خیالی یو میں برتیا ہوں صاحب کمالی

2۔ سید محمود : سید محمود کا کلام قدیم اردو کا نمونہ ہے اسے سمجھنے میں کافی مشکل پیش آتی ہے۔ اسے اپنے عہد میں بہت مقبولیت حاصل ہوئی۔ ملا وجہی نے اسے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا ہے :

کہ فیروز و محمود اچتے جو آج
تو اس شعر کوں بھوت ہوتا رواج
ابن نشاطی نے بھی سید محمود کے اسلوب کوسراہتے ہوئے س کی حق گوئی اور بے باکی کو بہ نظر تحسین دیکھا۔ اس کا خیال تھا کہ سید محمود نے کبھی مصلحت کی پروا نہ کی اور جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیا۔ اس کا تجزیاتی انداز لائق تقلید تھا۔ اب نشاطی نے سید محمود کے بارے اپنے خیالات میں اس کی انصاف پسندی کو اس کی شخصیت کا اہم وصف قرار دیا ہے :
رہے صد حیف جو نہیں سید محمود
کتے پانی کوں پانی دود کوں دود
سلطان محمد قلی قطب شاہ نے بھی سید محمود کے اسلوب کو پسند کیا اور اسے اپنے عہد کا ایک اہم شاعر قرار دیا۔ سید محمود نے مقامی لہجے کو اپنایا اور دکھنی اردو میں اپنا ما فی الضمیر بیان کیا۔ قلی قطب شاہ نے اس کے بارے میں جو رائے دی ہے وہ اس تخلیق کار کے منصب کو سمجھنے میں مد دیتی ہے :
اگر محمود ہور فیروز بے ہوش ہویں عجب کیا
ہوئے تج وصف نا کر سک ظہیر ہور انوری بے ہوش

3۔ فیروز : مشہور شاعر فیروز نے گولکنڈہ میں رہتے ہوئے اردو شاعری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ فیروز کی مثنوی ’’توصیف نامہ ‘‘جو 1565ء سے قبل کی تصنیف ہے، اس عہد کے ادب کی مجموعی صورت حال کے بارے میں اہم معلومات سے لبریز ہے۔ مثنوی ’’توصیف نامہ ‘‘ میں فیروز نے اپنے مرشد مخدوم جی (متوفی :1564ء ) کے حضور اپنی عقیدت کے جذبات پیش کیے ہیں۔

مرا پیر مخدوم جی جگ منے
منگوں نعمتاں میں سدا اس کنے
پیا جیو تھے تو ہمیں پیاس ہے
تو ہم جیو کے پھول کا باس ہے
وہی پھول جس پھول کی باس توں
وہی جیو جس جیو کی آس توں
کریماں کی مجلس کرامات تجے
امیناں کی صف میں امامت تجے
جسے پیر مخدوم جی پیاک ہے
اسے دین و دنیا میں کیا باک ہے

4۔ ملا وجہی :دکن کے اس نامور ادیب نے ابراہیم قطب شاہ سے لے کر عبداللہ قطب شاہ تک کے عہد حکومت (1550-1625)چار بادشاہوں کی حکومت کے دوران علم و ادب کی شمع فروزاں رکھی۔ اس کی زندگی کے مکمل حالات دستیا ب نہیں۔ اس کا انتقال 1656اور 1671کے درمیانی عرصے میں ہوا۔ محمد قلی قطب شاہ نے اسے شاہی دربار میں عزت و تکریم سے نوازا اور اسے ملک الشعرا کا منصب عطا کیا۔ سلطان محمد قطب شاہ کے دور میں ملا وجہی کو نظر انداز کیا گیا اور اس نے کسمپرسی کے عالم میں وقت گزارا۔ ابتلا اور آزمائش کا یہ دور اس خود دار شاعر پر بہت بھاری رہا۔ اس نے ہلاکت خیزیوں کے اس دور میں بھی صبر و استقامت سے کام لیتے ہوئے تخلیق فن پر اپنی توجہ مرکوز رکھی۔ اس کی مستحکم شخصیت کا نمایاں وصف یہ تھا کہ اس نے اپنی الگ پہچان بر قرار رکھی اور اپنے رنج و غم کا بر ملا اظہار کر کے تزکیہ نفس کی صورت تلاش کر لی۔ اس کے حالات زندگی کی ادبی اہمیت مسلمہ ہے۔ اس نے لکھا ہے :
پادشاہ جہاں مفلسم
خاک ہم نیست در دخترانہ ء ما
اس کے بعد عبداللہ قطب شاہ کی فرمائش پر ملا وجہی نے 1635میں ’’سب رس ‘‘لکھی۔ اس معرکہ آرا تصنیف میں ملا وجہی نے دکن کی ادبی روایات کی اساس پر اپنی نثری تخلیق کی عظیم عمارت تعمیر کی۔ ملا وجہی سے قبل دکن میں نثری ادب کے جو ابتدائی نقوش ملتے ہیں انھیں ملا وجہی نے نکھارا اور انھیں دکن کے نثری ادب کی لائق صد رشک روایت کی شکل عطا کر دی۔ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ ملا وجہی نے دکن کی قدیم اردو نثر میں اظہار و ابلاغ کے لیے جو طرز فغاں اپنائی وہ اس قدر جامع، پر کشش اور عام فہم تھی کہ اسے بے حد پذیرائی ملی اور وہی اپنی اس مکمل صورت میں بعد میں آنے والوں کے لیے طرز ادا ٹھہری۔ اسی لیے ملا وجہی کے اسلوب نثر کو دبستان دکن کی نثری روایت کا نقطۂ تکمیل قرار دیا جاتا ہے۔ (3) اردو نثر کی ایک اور تصنیف ’’تاج الحقائق ‘‘بھی ملا وجہی کی تصنیف خیال کی جاتی ہے لیکن اس بارے میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں کہ یہ ملا وجہی کی تصنیف ہے بھی یا نہیں۔ (4)ملا وجہی کی ایک اور تصنیف ’’قطب مشتری ‘‘ ہے۔ یہ مثنوی معیار اور وقار کی اس رفعت کی امین ہے کہ اسے دکن میں صنف مثنوی کی بلند و بالا عمارت کی خشت اول سے تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ اپنی اس تصنیف پر ملا وجہی کو بہت ناز تھا۔ اس نے لکھا ہے :
قطب مشتری میں جو بو لیا کتاب
سو ہوئی جگ میں روشن کہ جیوں آفتاب
اپنی قدامت کے اعتبار سے ’’قطب مشتری ‘‘کو اہم سمجھا جاتا ہے۔ اسے اس عہد کے اذہان کی مقیاس یا ذہنی قطب نما قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ (5)اپنی شاعری میں ملا وجہی نے اپنے تجربات، مشاہدات اور حالات و واقعات کی لفظی مرقع نگاری میں اپنے کمال فن کا ثبوت دیا ہے۔ دکن کی محبت اس کے ریشے ریشے میں سما گئی ہے جس کا وہ بر ملا اظہار کرتا ہے :

دکن سا نہیں ٹھار سنسار میں
پنچ فاضلاں کا ہے اس ٹھار میں
دکھن ہے نگینہ انگوٹھی ہے جگ
انگوٹھی کوں حرمت نگینا ہے لگ
دکھن ملک کوں دھن عجب ساج ہے
کہ سب ملک سر ہور دکھن تاج ہے
دکھن ملک بھوتیج خاصا اہے
تلنگانہ اس کا خلاصہ اہے

قطب مشتری میں ملا وجہی کا اسلوب اس زمانے کے ادبی معیار کو دیکھتے ہوئے بلا شبہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس زمانے میں اس قدر موثر کلام عنقا تھا۔ ڈاکٹر گراہم بیلی نے اپنی کتاب تاریخ ادب اردو (A History Of Urdu Literature ) میں ملا وجہی کی تصنیف قطب مشتری کو اس عہد کے پورے ہندوستان کے ادبیات کی ایک اہم تصنیف قرار دیا ہے۔ سب رس نے اردو کے نثری ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور قطب مشتری کو اردو شاعری کے ارتقا میں سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ قطب مشتری میں ملا وجہی حالات و واقعات کی لفظی مرقع نگاری کرتے وقت جس فنی مہارت کا ثبوت دیا ہے وہ قابل توجہ ہے:

شہنشاہ مجالس کے ایک رات
وزیروں کے فرزند تھے سب سنگات
ہر یک خوب صورت ہرا یک خوش لقا
سو ہر ایک دل کش ہر ایک دل ربا
مہابت کے کامن میں جم جم ہے جیون
شجاعت کے کاماں میں رستم ہے جیون
ندیم ہور مطرب سگھڑ فہم دار
اتھے شہ سوں مل کر یو سب ایک ٹھار
صراحی، پیالے لے ہاتاں منے
ندیماں تھے مشغول باتاں منے
لگے مطرباں گانے یوں ساز سو
کہ دھرتی ہے ست آواز سوں
ندیماں لطافت میں جو چکر آئیں
تو روتیاں کو خوش کر گھڑی میں ہنسائیں

مر کے زہد و تقو لشن کے مشور 5۔ سلطان محمد قطب شاہ : (عرصہ ء اقتدار : 1611-1625)یہ گولکنڈہ کا چھٹا بادشاہ تھا۔ اس نے بھی اردو میں شاعری کی لیکن اس کا کلام دستیاب نہیں۔ اس کی شاعرانہ استعداد اس منظوم دیباچے میں ملتی ہے جو اس نے قلی قطب شاہ کے دیوان کے لیے لکھا تھا۔

6۔ ملا غواصی :ملا غواصی ایک قادر الکلام شاعر تھا۔ یہ محمد قلی قطب شاہ اور ملا وجہی کا ہم عصر تھا۔ زبان و بیان پر اس کی کامل دسترس، قدرت کلام اور فنی مہارت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ 1618ء (1025ہجری) میں اس نے دو ہزار سے زائد اشعار پر مشتمل مثنوی ’’سیف الملوک و بدیع الجمال ‘‘ صرف تیس دن میں مکمل کی :
برس یک ہزار ہور پنج بیس میں
کیا ختم یو نظم دن تیس میں
7۔ سلطان عبداللہ قطب شاہ :(پیدائش :1614ء وفات :1672ء ) اس کا عرصۂ اقتدار 1626-1672ہے۔ اس نے دکن کی مقامی تہذیب و ثقافت، سماج اور معاشرت کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا۔ اس کی شاعری میں دکن کی معاشرتی زندگی کی دلکش تصویر کشی کی گئی ہے۔ حسن و جمال اور سراپا نگاری پر اسے عبور حاصل ہے۔

جن تج کو ایسا روپ دے اپروپ کر نجائیا
تج گال کا لٹ شام میں کیا خوب دیوا لائیا
روشن ہے جگ تج بھان تھے نازک ہتھیلیاں پان تھے
تج سار تن کسی کھان تھے اجنوں نکل نہیں آیا
دو پھند نا لکھ چھند کا بے مثل بے مانند کا
تج دھن کے بازو بند کا خوش منج رجھا لبدائیا

مختلف ادوار میں گولکنڈہ کے جن شعرا نے اپنی تخلیقی فعالیت سے اردو ادب کی ثروت میں اضافہ کیا ان میں قطبی، شاہ سلطان، جنیدی، ابن نشاطی، میراں جی، میراں یعقوب، بلاقی، طبعی، محب، کبیر، اولیا، غلام علی، سیوک، فائز، لطیف، شاہ راجو، فتاحی، افضل اور شاہی کے نام قابل ذکر ہیں۔
مغلوں نے 1685میں بیجا پور اور 1658میں گولکنڈہ کو فتح کر لیا تو جغرافیائی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ تہذیبی، ثقافتی، لسانی، معاشرتی اور سماجی تبدیلیوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا جس نے سلطنت میں ہر شعبۂ زندگی کو متاثر کیا۔ مغلیہ عہد میں دکن میں جو ادب تخلیق ہوا وہ اردو زبان کے ارتقا کا مظہر ہے۔ اس عرصے میں جو مثنویاں لکھی گئیں ان میں شعرا نے با لعموم تصوف، اخلاقیات، حسن و رومان اور رزم اور بزم کی شان دل ربائی قاری کو مسحور کر دیتی ہے۔ مثال کے طور پر سراج اور نگ آبادی کی مثنوی ’’بوستان خیال‘‘ موضوع اور اسلوب کی دل کشی کے لحاظ سے شمالی ہند میں تخلیق ہونے والی مثنویوں سے کسی طرح کم نہیں۔
سراج اور نگ آبادی نے مثنوی بوستان خیال میں تخیل کی جولانیاں دکھاتے ہوئے اپنے کمال فن کو ادبی تخلیق میں احسن طریقے سے سمو دیا ہے۔ قاری اسے پڑھ کر حظ اٹھاتا ہے :

اری ہم نشینو!مرا دکھ سنو
مرے دل کے گلشن کی کلیاں چنو
کہوں کیا کلیجے میں سوراخ ہے
مری داستاں شاخ در شاخ ہے

مغلیہ عہد میں دکن میں جن شعرا نے تخلیق ادب کے سلسلے میں گراں قدر خدمات انجام دیں ان میں شیخ داؤد، قاضی محمود، سید محمد خاں، خواجہ محمود مجرمی، ولی ویلوری، اشرف، وجدی اور غضنفر کے نام اہم ہیں۔ اس عہد کے شعرا نے رزم نامے، حسن و رومان کی داستانیں، سچی کہانیاں، لوک داستانیں، اخلاقیات، تصوف اور فلسفیانہ خیالات پر مبنی تمثیلی مثنویاں لکھ کر قارئین ادب کے اذہان کی تطہیر و تنویر کا اہتمام کیا۔ ان شعرا کے اسلوب کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آنے والے شعرا نے ان کے نقش قدم پر چلنے کی سعی کی۔ دکن میں تخلیق ہونے والی ان مثنویوں کے بارے میں یہ رائے ظاہر کی جاتی ہے کہ شمالی ہند کے شعرا نے اس اسلوب کو لائق تقلید سمجھا اور خاصی مدت تک اس کی تقلید کی۔ (6)۔ اس عہد کے ایک نا مور شاعر خواجہ محمود بحری نے ذاتی رومان پر مبنی اپنی شاعری کو ساحری میں بدل دیا ہے :

اس عمر میں عشق جیو میں جاگ
یوں گھیر لیا جیوں بھیڑ کو بھاگ
آگ عشق کی دل میں دہکی تھی
بھر تن میں تمام تک پکی تھی
پن مجھ کو سمجھ نہیں جو یہ کیا
یو نامہ، یو ناز، یو نگہ کیا
یو درد سو کیا یو دل جلے کیوں
تن آنچہ سوں عشق کے گلے کیوں

8۔ ولی دکنی (پیدائش اور نگ آباد۔ مہا راشٹر :1667وفات :احمد آباد 1707)نے اردو غزل کے پہلے صاحب دیوان شاعر کی حیثیت سے بہت شہرت اور مقبولیت حاصل کی۔ اس کی شاعری میں عشق حقیقی اور عشق مجازی دونوں جلوہ گر ہیں۔ اس نے چار سو تہتر (473)کے قریب غزلیں لکھیں جو تین ہزار دو سو پچیس (3225) اشعار پر مشتمل ہیں۔ ولی نے فارسی مضامین اور خیالات کو بڑی کامیابی سے اردو زبان کے قالب میں ڈھالا ہے۔ اسی لیے اسے اردو غزل کے جدید اسلوب کا معمار اول سمجھا جاتا ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ ولی نے فارسی شاعری کے تخیل کی اساس پر اردو شاعری کی فلک بوس عمارت تعمیر کرنے کی خشت اول رکھی۔ ولی نے 1700ء میں سید ابوالمعالی کے ہمراہ دلی کا سفر کیا۔ یہاں ایک ملاقات میں شاہ سعد اللہ گلشن (متوفی :1728)نے ولی کے اسلوب شعر کو بہ نظر تحسین دیکھتے ہوئے ایک صائب مشورے سے نوازا:
’’ایں ہمہ مضامین فارسی کہ بے کار افتادہ اند، در ریختہ ء خود بہ کار بہ بر، از تو کہ محاسبہ خواہد گرفت۔ ‘‘(7)
ولی دکنی نے شاہ سعد اللہ گلشن کے مشورے پر عمل کیا اور اس کے بعد اس کے اسلوب میں ایک واضح تبدیلی کے آثار سامنے آئے۔ فارسی زبان کی شعری روایت سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے ولی دکنی نے اپنے رنگ سخن کو صد رنگ تخلیق کی مثال بنا دیا۔ اس طرح اردو شاعری کو افکار تازہ کی مشعل تھام کر جہان تازہ کی جستجو کی ترغیب ملی۔ ولی دکنی کے فکری، فنی اور لسانی تجربے اردو ادب میں نئے امکانات تک رسائی میں بے حد ممد و معاون ثابت ہوئے۔ ان سے مروج اسلوب کی یکسانیت کا خاتمہ ہوا اور ندرت و تنوع پر مبنی نئے اسالیب شعر کی تخلیق کی راہ ہموار ہو گئی اس وسیع و عریض عالم آب و گل میں ہر جگہ موضوعات، مواد اور واقعات کا ذخیرہ قریب قریب ایک جیسا ہی ہوتا ہے لیکن انداز بیاں اور پیرایہ ء اظہار ہر جگہ الگ رہتا ہے۔ یہی منفر اسلوب کی پہچان ہے۔ ولی دکنی کی شاعری کا امتیازی پہلو اس کا منفرد لہجہ ہی ہے، جس نے اس کی شاعری کی تاثیر کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔ محمد حسین آزاد نے ولی دکنی کے اسلوب کے بارے میں لکھا ہے :
’’ایک زبان کو دوسری زبان سے ایسا بے معلوم جوڑ لگایا کہ آج تک زمانے نے کئی پلٹے کھائے مگر پیوند میں جنبش نہیں آئی۔ ‘‘(8)
دکن میں اردو زبان کے جو علاقائی رنگ موجود تھے ان میں ریختہ، ہندوی، گجری اور دکنی شامل ہیں۔ اس عہد میں ریختہ گویان کے اسلوب میں جو خاص کیفیت رہی اس میں بالعموم جو پہلو اہم ہیں ان میں فارسی زبان کی شعری روایت کی تقلید، زبان و بیان کی سادگی اور بے ساختگی اور سلاست شامل ہے۔ جنوبی ہند سے جانے والی شعری روایت نے شمالی ہند کے ادب پر دور رس اثرات مرتب کیے۔ شمالی ہند کے ادب پر پہلے ہی سے فارسی زبان کے ادب کے اثرات موجود تھے۔ ولی دکنی کی دلی آمد سے ان میں زیادہ پختگی پیدا ہوئی۔ ولی دکنی نے فارسی زبان کی شعری روایت کو بڑی خوش اسلوبی سے اپنی شاعری میں رو بہ عمل لانے کی کوشش کی ہے۔ اس کے اسلوب کے چند نمونے درج ذیل ہیں :

چہرۂ گل رنگ و زلف موج زن خوبی منیں
آیت جنات تجری تحتہا الانہار ہے
یٰسین و طہٰ والضحیٰ نازل ہوئے تجھ شان میں
واللیل اور والشمس ہے تجھ زلف و مکھ کے درمیاں

ولی دکنی کی شاعری میں حسن و جمال، عشق و محبت، سیاسی، مجلسی، معاشی اور معاشرتی معاملات کے بارے میں نہایت دردمندی اور خلوص سے اظہار کی صورتیں سامنے آتی ہیں۔ وہ صبر و تحمل اور توکل وقناعت کا دامن تھام کر آلام روزگار کے سامنے سینہ سپر رہنے کی تلقین کرتا ہے۔ قاری محسوس کرتا ہے کہ اس کی شاعری سے سکون اور مسرت کے سوتے پھوٹ رہے ہیں۔ حبس کے ماحول اور کثیف فضا میں اس کی شاعری تازہ ہوا کے جھونکے کے مانند ہے۔ ولی دکنی کا شاعری سے ایک عہد آفریں تجربے کا آغاز ہوا جس کے اعجاز سے تخلیق ادب کے تمام معائر بدل گئے۔ اس کی شاعری نے یکسانیت اور جمود کی فضا کا قلع قمع کردیا اور حرکت و عمل کو زاد راہ بنایا۔ اس منفرد اسلوبیاتی تجربے نے تخلیق ادب کو نئی اقدار و روایات سے روشناس کرایا اور اس طرح اردو زبان و ادب کی جہان تازہ تک رسائی کو یقینی بنا دیا گیا۔ دکن کی ہندی روایت جو سالہا سال سے دکن میں تخلیق ہونے والے ادب کا امتیازی وصف رہا اس نے فارسی زبان کے امتزاج سے ایک متنوع اسلوب شعر کی صورت اختیار کر لی اور یہ اسلوب شعر ولی دکنی کے ذریعے جب شمالی ہند میں پہنچا تو اسے بہت پذیرائی ملی۔ ولی دکنی کے اسلوب کی چند مثالیں :

گر ہو ا ہے طالب آزادگی
بند مت ہو سجہ وزنار میں
حق پرستی کا اگر دعویٰ ہے
بے گناہاں کوں ستایا نہ کرو
ملک ہر گز نہیں رہے آباد
تخت سیں جس کے شہر یار گیا
باعث رسوائی ء عالم ولی
مفلسی ہے، مفلسی ہے، مفلسی
طمع مال کی سر بہ سر عیب ہے
خیالات گنج جہاں سر سوں ٹال

ولی دکنی کے اسلوب سے شمالی ہند میں جہاں پہلے اردو شاعری کی کوئی قابل قدر روایت موجود نہ تھی وہاں ایک نئی، مضبوط اور مستحکم شعری روایت پروان چڑھانے میں مدد ملی۔ شمالی ہند میں ریختہ اپنی ابتدائی شکل میں موجود تھا۔ اس علاقے کے شاعر یا تو خالص ہندی زبان میں دوہے کی تخلیق پر توجہ دیتے تھے یا ان کے اسلوب پر فارسی آمیز بھاشا کا غلبہ تھا۔ اس زمانے کے ادب کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ دہلی میں سوائے امیر خسرو کے ریختہ، جعفر زٹلی اور خواجہ عطا کی شاعری کے اور کوئی قابل ذکر تخلیق موجود نہ تھی۔ جنوبی ہند سے آنے والے تازہ ہو ا کے جھونکوں سے شمالی ہند کے گلشن ادب میں بہار کے امکاں روشن ہوئے۔ ہر لحظہ نیا طور نئی برق تجلی کی کیفیت نے قارئین ادب کے دلوں کو مر کز مہر و وفا کر دیا۔ ولی دکنی کی دہلی آمد سے پہلے جو ادبی فضا تھی وہ یکسر بدل گئی اور مرحلۂ شوق تھا کہ سب اس کی جانب رواں دواں تھے۔ ولی دکنی کے اسلوب کے اثر سے شمالی ہند کے ادب پر انمٹ نقوش مرتب ہوئے۔ مجموعی اعتبار سے دیکھیں تو دکن سے شروع ہونے والے علم و ادب کی روشنی کے سفر نے پورے بر عظیم کو اپنی آب و تاب سے منور کر دیا۔ تاریخ ادب میں دکن میں فروغ اردو کی مساعی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آج بھی دکن سے اردو زبان و ادب کے لافانی تخلیق کار اردو زبان و ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جس علاقے سے عزیز احمد جیسا عظیم ناول نگار، جیلانی بانو اور واجدہ تبسم جیسی ہفت اختر شخصیات کا تعلق ہو اس کے مردم خیز ہونے کے بارے میں یقین ہو جاتا ہے۔ دکن میں اس لسانی عمل کو تہذیبی ار تقا کی ایک صورت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ تاریخ عالم شاہد ہے کہ دنیا کی مختلف اقوام اور ملل کا عروج اور جاہ و جلال تو سیل زماں کے تھپیڑوں کی زد میں آ کر خس و خاشاک کے ما نند بہہ گیا مگر وہاں تہذیب کو کبھی کوئی گزند نہ پہنچا۔ ہر عہد میں تعلیم و تربیت کے وسیلے سے نسل نو کو تہذیبی میراث کی منتقلی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ دکن میں بھی اسی انداز میں تہذیبی ارتقا کو یقینی بنایا گیا۔ دکن کے تخلیق کاروں نے تہذیب و تمدن کے تحفظ، بالیدگی اور ارتقا میں گہری دلچسپی لی اور ادب و فنون لطیفہ کے شعبوں میں ہر چیلنج کا بڑی استقامت سے مقابلہ کیا۔ ان کی اس محنت، لگن، استقامت اور جگر کاوی کے نتیجے میں اردو زبان و ا دب میں یہ استعداد پیدا ہوئی کہ وہ جہد للبقا کے لیے اپنے وجود کا اثبات کر سکے اور اپنی بقا اور دوام کو یقینی بنا سکے۔
دکن میں اردو زبان و ادب کے ارتقا سے معاشرے کی اجتماعی زندگی پر دور رس اثرات مرتب ہوئے۔ اس لسانی عمل کو محض اتفاقی نہیں سمجھنا چاہیے بل کہ یہ تاریخ کا ایک مسلسل عمل ہے جس نے زندہ الفاظ کو اس معجز نما قوت سے متمتع کر دیا جس نے افراد کی بصیرت، ذہانت، وجدانی اور روحانی کیفیت کو تاب و تواں عطا کی اور اظہار کے متعدد نئے پہلو سامنے آتے چلے گئے۔ بادی النظر میں یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہے کہ دکن میں ہونے والے لسانی تجربات نے جہاں تہذیبی ارتقا کو یقینی بنایا وہاں حیات و کائنات کے اہم مسائل سے آگاہی کی صورت بھی سامنے آئی۔ تخلیق ادب کے وسیلے سے قارئین ادب کے شعور و بصیرت میں ایک انقلاب آ گیا جس کے ثمرات سے نئی نسل آج بھی مستفید ہو رہی ہے۔ تاریخ ادب میں اس لسانی و تہذیبی ارتقا کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مآخذ

(1)اشتیاق حسین قریشی ڈاکٹر :بر عظیم پاک و ہند کی ملت اسلامیہ، جامعہ کراچی، اشاعت اول (اردو ترجمہ )، 1967، صفحہ 69۔
(2)حسن ریاض سید :پاکستان نا گزیر تھا، جامعہ کراچی، اشاعت سوم، 1982، صفحہ 4۔
(3) وحید قریشی ڈاکٹر :تاریخ ادبیات مسلمانان پاکستان و ہند، چھٹی جلد، جامعہ پنجاب، لاہور، 1971، صفحہ 446۔
(4)ایضاً صفحہ 416۔
(5)غلام حسین ذوالفقار ڈاکٹر :اردو شاعری کا سیاسی اور سماجی پس منظر، جامعہ پنجاب، لاہور، 1966، صفحہ 126۔
(6)عبداللہ ڈاکٹر سید :ولی سے اقبال تک، مکتبہ خیابان ادب، لاہور، بار چہارم، 1976، صفحہ 38۔
(7)میر تقی میر :نکات الشعرا، نظامی پریس، بدایوں، انجمن ترقی اردو، ہند، اور نگ آباد، 1935 صفحہ 94۔
(8)محمد حسین آزاد :آب حیات، لاہور، 1950، صفحہ 89َ۔

پرو فیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی (مسٹر اردو ) :ایک رجحان ساز ادیب

دنیا بھر کے علمی و ادبی حلقوں کے لیے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ وہ گزشتہ چار عشروں سے پرورش لوح و قلم میں مصروف ہیں۔ دنیا کا کوئی علمی و ادبی مجلہ یا ویب سائٹ ایسی نہیں جہاں ان کی تخلیقات موجود نہ ہوں۔ انھوں نے تعلیم و تدریس اور تخلیق ادب کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے۔ تحقیق، تنقید اور فروغ علم و ادب ان کی جبلت میں شامل ہے۔ قصور میں مقیم اردو زبان و ادب کے یہ بے لوث خادم ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیا ز اب تک ہزاروں تحریریں زیب قرطاس کر چکے ہیں، تیس کے قریب وقیع تصانیف پیش کر کے اردو ادب کی ثروت میں اضافہ کر چکے ہیں اردو نظم ہو یا نثر ہر صنف ادب میں اپنی تخلیقی فعالیت کے جھنڈے گاڑ کے اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ اردو کا کلا سیکی ادب ہو یا جدید ادب ہر شعبے میں ان کی فکر پرور اور بصیرت افروز تحریریں اپنی اہمیت اور افادیت میں اپنی مثال آپ ہیں۔ غالب شناسی کے شعبے میں ان کا تحقیقی کام اس قدر جامع، پر مغز اور تجزیاتی نوعیت کا ہے کہ پوری دنیا میں اسے قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ اس کے باوجود اگر کسی کو اردو ادب کے ہمالہ کی یہ سر بہ فلک چوٹی دکھائی نہیں دیتی تو یہ اس کی نظر کا قصور ہے ورنہ شہر قصور کے اس عظیم دانش ور نے تو اپنے دل کی شمع فروزاں کر کے سفاک ظلمتوں کو کافور کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ عجز وانکسار کا یہ پیکر ایک ایسا درویش منش تخلیق کار ہے جس نے مسلسل کئی عشروں سے گوشہ نشینی کی زندگی بسر کر نا اپنا شعار بنا رکھا ہے۔ شیر ربانی ٹاؤن قصور کے ایک چھوٹے سے مکان میں اردو ادب کا یہ بہت بڑا تخلیق کار مقیم ہے اور ہر حال میں اللہ کی رضا پر راضی ہے۔ اسے معلوم ہے کہ در کسریٰ پر صدا کرنا بے سود ہے ان کھنڈرات میں جامد و ساکت اور حنوط شدہ لاشیں اور چلتے پھرتے ہوئے مردے دکھی انسانیت کے مصائب و آلام اور مصائب کے بارے میں کیا جان سکتے ہیں۔ اللہ کریم نے اس یگانۂ روزگار فاضل اور ہفت اختر ادیب کو ایک شان استغناسے متمتع کیا ہے۔ وطن اور اہل وطن سے قلبی لگاؤ اور والہانہ محبت اس کے ریشے ریشے میں سما چکی ہے۔ تخلیق ادب کے وسیلے سے قومی تعمیر و ترقی کے کاموں میں ہمہ وقت مصروف رہنا اس کا مطمح نظر ہے اسے کسی کی تخریب سے کوئی غرض نہیں۔ پاکستان کے اس نامور ادیب کی فقید المثال ادبی کامرانیوں کا ہر سو ڈنکا بجتا ہے لیکن مقام حیرت ہے کہ ان کی شخصیت، اسلوب اور زندگی کے حالات پر کوئی ٹھو س کام اب تک منظر عام پر نہ آ سکا۔ ڈاکٹر محمد ریاض انجم کی معرکہ آرا تصنیف’’مسٹر اردو :اسرارزیست، خدمات اور اعتراف‘‘ کی اشاعت سے اس کمی کا بڑی حد تک ازالہ ہو جائے گا۔
پروفیسرڈاکٹر سید مقصود حسنی کی حیات اور علمی و ادبی خدمات پر مشتمل یہ کتاب بہت اہمیت کی حامل ہے۔ لائق مصنف نے اپنے ممدوح کے بارے میں مکمل چھان بین کے بعد تمام حقائق اور کوائف کو یک جا کر کے پیش کیا ہے۔ مختلف حوالوں سے ملنے والی معلومات کوسائنسی انداز فکر کو بروئے کار لاتے ہوئے انھیں تحقیق و تنقید کی کسوٹی پر خوب پرکھا ہے۔ یہ سوانحی کتاب لکھتے وقت ان کے پیش نظر متعدد فنی تجربے تھے جنھیں نابغۂ روزگار ادیب پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی نے اپنی تخلیقی زندگی میں ر و بہ عمل لانے کی سعی کی۔ ان تجربات کے وسیلے سے وہ جس انہماک سے زندگی اور اس کی معنویت کی تفہیم کے سلسلے میں نئے امکانات تک رسائی کے آرزو مند رہے، تخلیقی عمل کا یہ پہلو فکر و نظر کے نئے دریچے وا کرتا چلا جاتا ہے۔ تخلیق فن کے لمحوں میں خون بن کر رگ سنگ میں ا تر جانے والے اس با کمال ادیب نے تخلیق ادب کو مقاصد کی رفعت کے اعتبار سے ہم دوش ثریا کر دیا ہے اور بلا شبہ ستاروں پر کمند ڈالی ہے۔ اپنے عہد کے کسی عظیم ادیب کی شخصیت کے تمام پہلوؤں اور اس کے اسلوب کے دھنک رنگ منظر نامے کی مرقع نگاری ایک کٹھن مرحلہ ہے۔ سعادت مندی، عقیدت، بے لوث محبت، بے باک صداقت اور فنی معائر کو ملحوظ رکھنا ایک ایسا فن ہے جس کے لیے بڑی ریاضت درکار ہے۔ عظیم المرتبت شخصیت پر کام کرنے والے سوانح نگار کی شخصیت میں جس قدر فہم و فراست اور تدبر ہو گا اسی قدر عظیم ادب پارہ منصہ ء شہود پر آئے گا۔ مجھے یہ دیکھ کر دلی مسرت ہوئی کہ ڈاکٹر محمد ریاض انجم نے اپنے ممدوح کے بارے میں جو کچھ لکھا ہے وہ پوری ذمہ داری سے لکھا ہے اور اس کتاب کے مندرجات کی ثقاہت کو یقینی بنا دیا ہے۔ یہ اولین ماخذ اس اعتبار سے اور بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں بیان کیے گئے تمام حالات و واقعات، نشیب و فراز، کیفیات اور کوائف کو پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی نے اشاعت سے قبل پڑھا ہے۔ اس طرح اس کتاب کے مشمولات کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ مستقبل کے محقق کے لیے یہ کتاب ایک ایسا بنیادی ماخذ اور گنجینہ ء معلومات ثابت ہو گی جسے اہم ترین بنیادی حوالہ جاتی حیثیت حاصل رہے گی۔ ڈاکٹر محمد ریاض انجم نے یہ کتاب لکھ کرنو جوان محققین کے لیے زاد راہ فراہم کر دیا ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور تحقیق کے مسلسل عمل کو جاری رکھیں۔ انھوں نے اپنے تجربات و مشاہدات اور جذبات و احساسات کو قارئین ا دب تک پہنچانے کی جو کوشش کی ہے اس میں دردمندی اور خلوص کا عنصر نمایاں ہے۔ ان کے ا سلوب کی صداقت موثر ابلاغ کو یقینی بنا دیتی ہے۔ انھوں نے اس امر کو ملحوظ رکھا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو اسلوب کو سادہ اور دل نشیں رکھا جائے تا کہ قاری اور تخلیق کار کے ما بین ذہنی اور فکری ہم آہنگی کو نمو ملے اور ان کے دل کی بات سیدھی قاری کے دل میں اترتی چلی جائے۔ انھوں نے جو پیرایہ ء اظہار اپنایا ہے وہ قاری پر وجدانی کیفیت طاری کر دیتا ہے اور چشم تصور سے اپنے عہد کے ایک عظیم ادیب کو تخلیق ادب میں مصروف دیکھ سکتا ہے اور اس کے ابد آشنا اسلوب کے فنی محاسن کو جان سکتا ہے۔ ان کے دلکش اسلوب کا اہم پہلو یہ ہے کہ ان کے اسلوب کی چھلنی سے چھن کر دو شخصیات سامنے آتی ہیں ایک تو خود مصنف کی شخصیت ہے اور دوسری پر وقار اور مسحور کن شخصیت پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی ہے۔ جن کی خاندانی شرافت، علمی فضیلت، تنقیدی بصیرت اور تخلیقی فعالیت کو نہایت مو ثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ایک زیرک محقق اور بے باک نقاد کی حیثیت سے مصنف نے خارجی اور داخلی حقائق کی اساس پر اپنے ممدوح کی زندگی کے تمام پہلوؤں پر نگاہ ڈالی ہے۔ انھیں علم بشریات اور نفسیات کے جملہ اسرار و رموز پر دسترس حاصل ہے۔ اپنی مضمون آفرینی کے اعجاز سے وہ اپنے ممدوح کے بارے میں متعلقہ تفصیلات اس قدر دلنشیں انداز میں پیش کرتے ہیں کہ قاری کو ان کی صداقت کا یقین ہو جاتا ہے۔
سوانح نگاری کو بالعموم ایک شخصیت کی زندگی کے جملہ نشیب و فراز کی ایسی مرقع نگاری سے تعبیر کیا جاتا ہے جس میں اس شخصیت کی مکمل تاریخ محفوظ کر دی جائے۔ اس دنیا میں ایک انسان کا آنا اور پھر زندگی کے مختلف مدارج طے کرنا جن میں بچپن، لڑکپن، تعلیم و تربیت، شباب، فکر معاش، معاملات زندگی، شادی اور اولاد، معاشرتی زندگی کے معا ملات، رہن سہن، سفر اور سیاحت، مشاغل، رہائش، معیار زندگی، ادھیڑ عمر اور عالم پیری شامل ہیں یہ سب کچھ سوانح عمری میں شامل ہے۔ ایک زیرک سوانح نگار کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد ریاض انجم نے اپنی اس تصنیف میں تین امور پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ پہلے تو انھوں نے موضوع تحقیق کے لیے جس شخصیت کا انتخاب کیا ہے، اس تک رسائی ان کے لیے سہل ہے۔ دونوں کا قیام قصور شہر میں ہے اور باہمی ربط کے متعدد مواقع انھیں میسر رہے۔ اس لیے انھیں شخصیت سے رابطہ کرنے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس کے بعد دوسرا مرحلہ شخصیت سے متعلقہ مواد کا حصول ہے۔ مواد کے حصول میں مصنف نے بہت محنت سے کام لیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کے ذاتی کتب خانے سے انھیں کافی مواد دستیاب ہو گیا۔ اس مواد کے حصول کے لیے انھیں جس قدر جد و جہد کرنا پڑی اس کا احوال خود مصنف کی زبانی پیش خدمت ہے:
’’باباجی کی رضامندی کے بعد ان کے مکان کی بالائی منزل پر ایک چھوٹے سے کمرے میں گھسنے کا موقع میسر آیا۔ کمرے کا نقشہ کھینچنا اب مشکل نظر آتا ہے۔ کتابوں اور کاغذوں کی بھرمار، وہ بھی گرد سے اٹی ہوئی، اخبارات و جرائد کا ایک بڑا ڈھیر، وہ بھی فرش پر گرد آلود، پاؤں دھرنے کی جگہ ہی نہیں، بڑی مشکل سے حوصلہ کر کے کمرے میں گھس تو گئے مگر کئی بار حبس نے بھاگنے پر مجبور کیا۔ پھر کیا تھا غیرت آڑے آ جاتی کہ اب وہ کہیں گے کہ بڑے بہادر بنتے تھے، کیا ہوا ؟بس اسی ایک جملے نے بھاگنے نہ دیا۔ ‘‘
مصنف نے شخصیت سے متعلقہ مواد کے حصول کے سلسلے میں تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی ڈائریاں، روزنامچے، یادداشتیں، مکاتیب ( احباب کے نام ان کے لکھے ہوئے خطوط اور وہ خطوط جو انھیں احباب کی جانب سے موصول ہوئے )، تصانیف، مخطوطات، مطبوعہ مضامین، انشائیے، افسانے، شاعری اور تراجم وغیرہ۔ مصنف نے اپنی اس معرکہ آرا تصنیف کے لیے ضروری معلومات کے حصول کی خاطر شخصیت سے مستقل رابطہ رکھا۔ یہ معتبر ربط ان کے لیے بہت مفید ثابت ہو۔ اس کے اعجاز سے انھیں اپنے ممدوح کے انداز فکر، طرز عمل سیرت و کردار، معمولات زندگی، رہن سہن، آداب معاشرت، ذوق سلیم، گل افشانیِ گفتار، ذاتی پسند و نا پسند، مطالعہ کے شوق، ذاتی کتب خانے کی کیفیت، مشاغل، عبادات اور رویوں کے بارے میں تمام حقائق معلوم ہوئے۔ شخصیت سے متعلق مواد کے حصول کے تیسرے مرحلے میں انھوں نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کے قریبی احباب سے رابطہ رکھا۔ اسی مرحلے میں انھوں نے ادبی مجلات، اخبارات و جرائد کو بھی کھنگالا۔ شخصیت کے متعلق بعض ذاتی اور عام نوعیت کی معلومات ان کی درخواستوں اور محکمانہ مصروفیات سے بھی ملیں۔ اس طرح انھیں مواد کے حصول میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اپنی تصنیف میں ڈاکٹر محمد ریاض انجم نے کہیں بھی اپنی ذاتی رائے کو مسلط کرنے کی کوشش نہیں کی۔ انھوں نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کو جس حال میں دیکھا اس کا پورا احوال دیانت داری سے پیش کر دیا۔ عقیدت اور ذاتی مراسم کی بنا پر تعریف و توصیف میں زمین آسمان کے قلابے نہیں ملائے۔ حرف صداقت لکھنا ان کا شیوہ ہے اور لفظ کی حرمت کو ملحوظ رکھنا ان کا دستور العمل ہے۔
ڈاکٹر محمد ریاض انجم نے اپنے منفرد اسلوب سے فن سوانح نگاری میں جو نکھار پیدا کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ انھوں نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی زندگی کے تمام اہم اور خاص پہلوؤں کو اپنے تصنیف میں شامل کر دیا ہے۔ اسلوب میں اختصار اور جامعیت کو ہر مقام پر پیش نظر رکھا گیا ہے۔ بے فائدہ طول نویسی اور معمولی نوعیت کی باتوں سے گریز کرتے ہوئے ایجاز نگاری سے مصنف نے اس کتاب کو جس انداز میں مخزن معلومات بنا دیا ہے وہ فن سوانح نگاری پر ان کی کامل دسترس کی دلیل ہے۔ انھوں نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی زندگی کے معمولات کا جس خوش اسلوبی سے احاطہ کیا ہے قابل توجہ ہے۔ ان کی زندگی کے تمام معمولات خواہ وہ عام نوعیت کے ہوں یا وہ خاص نوعیت کے، ان کی حیثیت نجی ہو یا اجتماعی، انھوں نے کسی کو بھی نظر انداز نہیں کیا۔ ان کے اقوال و افعال کی صد رنگی پورے خلوص اور دیانت کے ساتھ زیب قرطاس کی گئی ہے۔ شخصیت نگاری میں جزئیات نگاری کی اہمیت مسلمہ ہے، اس کتاب میں مصنف نے جزئیات نگاری پر اپنی مہارت کو ثابت کر دیا ہے۔ ان کی سنجیدگی اور انسان دوستی ہر جگہ قاری پر گہرا تاثر چھوڑتی ہے۔ وہ دیانت اور متانت سے کام لیتے ہوئے جزئیات نگاری کے کٹھن مرحلے سے گزرتے چلے جاتے ہیں۔ انھوں نے شخصیت کی نجی زندگی پر اپنی توجہ مر کوز رکھی ہے اور سرکاری عہدوں اور اہم ذمہ داریوں پر ایک طائرانہ نگاہ ڈالتے ہوئے آگے بڑھتے چلے گئے ہیں۔ شخصیت نگاری میں ان کی اولین ترجیح یہ رہی ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی کی کتاب زیست کے اور اق کو اس طرح کھنگالا جائے کہ ان کی نجی زندگی کے وہ اور اق جو اب تک نا خواندہ رہ گئے ہیں، وہ قاری کے مطالعہ کے لیے پیش کیے جائیں۔ اس مقام شوق سے گزرتے ہوئے مصنف نے شخصیت کی حیات کے عمیق مطالعہ اور جزئیات نگاری سے جو سماں باندھا ہے وہ ان کے اسلوب کا نمایاں وصف ہے۔ اللہ کریم نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کو جن اوصاف حمیدہ سے نوازا ہے ان کے بارے میں مصنف نے ان کے اہل خانہ، قریبی رشتہ داروں، احباب اور مشاہیر ادب کی آراء کتاب میں شامل کی ہیں اور اسی کی اساس پر شخصیت نگاری کا قصر عالی شان تعمیر کیا ہے۔ حریت فکر کا عنصر مصنف کے اسلوب میں نمایاں ہے۔ انھوں نے ایک ایسے دانش ور کی شخصیت کو موضوع بنایا ہے جس نے حریت ضمیر سے زندگی بسر کرنے کے لیے اسوۂ شبیرؓ کو اپنایا اور جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے حق و صداقت کا علم بلند رکھا۔ مصنف کی باریک بینی کا یہ عالم ہے کہ کوہ سے کاہ تک سب کچھ ان کے پیش نظر رہتا ہے اور وہ اپنا مطلوبہ مواد حاصل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔ انھوں نے شخصیت کے بیان میں کسی تشنگی کا احساس نہیں ہونے دیا۔ سائنسی انداز فکر اپناتے ہوئے وہ قلب اور روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والی اثر آفرینی کے اعجاز سے اپنی تحریر کو مزین کرتے چلے جاتے ہیں۔ ان کے کمال فن سے ان کے اسلوب سے ایسی محیر العقول کیفیت پیدا ہو جاتی ہے کہ قاری روحانی طور پر اپنے آپ کو شخصیت کے سحر میں گرفتار محسوس کرتا ہے۔ اس کی حیات، مصروفیات، معاملات، خیالات اور زندگی کے جملہ نشیب و فراز سے مکمل آگہی کے بعد وہ اس کا استحسان کرتا ہے۔ قاری کو یہ احساس ہوتا ہے کہ عظیم المرتبت شخصیات کی زندگی کے نشیب و فراز اور اسرارو رموز سے آگاہی حاصل کرنا کس قدر افادیت کا حامل ثابت ہوتا ہے۔ انھوں نے قطرے میں دجلہ اور جزو میں کل کا دلکش سماں پید ا کر کے لائق صد رشک و تحسین کام کیا ہے۔ انھوں نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی شخصیت کی جس مہارت سے لفظی مرقع نگاری کی ہے اس کے معجز نما اثر سے یہ شخصیت ہر جگہ متکلم نظر آتی ہے۔
فن سوانح نگاری کے ذریعے مصنف نے زندگی کی اقدار عالیہ کے بارے میں مثبت شعور و آگہی بیدار کرنے کی جو کوشش کی ہے وہ ہر اعتبار سے لائق تحسین ہے۔ ان کی یہ دلی تمنا ہے کہ آنے والی نسلیں اپنے مشاہیر کے علمی و ادبی کارناموں کے بارے میں حقائق سے آگاہ ہوں اور اس طرح روشنی کا وہ سفر تا ابد جاری رہے جس کا آغاز ان نابغہ ء روز گار ہستیوں نے کیا تھا۔ سوانح نگاری کے ذریعے در اصل وہ تہذیبی بقاکو یقینی بنانے کے متمنی ہیں۔ ان کی اس تصنیف سے تعلیم و تربیت اور تہذیب و تمدن کی میراث کو نسل نو تک منتقل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی نے اپنی زندگی میں جو کامیابیاں حاصل کیں ان کے لیے انھیں کئی سخت مقامات اور کٹھن مراحل سے گزرنا پڑا لیکن ان کے پائے استقلال میں کبھی لغزش نہ آئی۔ ہوائے جورو ستم میں بھی انھوں نے حرف صداقت لکھنا اپنا معمول بنائے رکھا۔ مصنف نے اس کتاب میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی کی زندگی کے ان واقعات کو نمایاں طور پر پیش کیا ہے جو قطرے کو گہر ہونے کے مراحل میں پیش آئے۔ ان کے اسلوب میں بے ساختگی اور بے تکلفی کی فضا ہے وہ شخصیت کی علمی فضیلت اور سرکاری مناصب اور ترقی کے مدارج پر اتنی توجہ نہیں دیتے جس قدر وہ ان کی نجی زندگی کے مہ و سال پر دیتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ شخصیت کی گھریلو زندگی اور نجی مصروفیات ہی اس کے بارے میں قابل اعتبار معلومات کا مخزن ہیں۔ اس کتاب میں مصنف نے جدت اور تنوع کو پیش نظر رکھا ہے۔ جہاں انھوں نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی سراپا نگاری پر توجہ دی ہے وہاں انھوں نے ان کی بول چال، حاضر جوابی، استدلال، رہن سہن لہجے، افہام و تفہیم، غیظ و غضب، بذلہ سنجی اور ظرافت، نکتہ آفرینی، معاملہ فہمی اور تدبر ، پیار و محبت، آمد وخرچ، ایثار و وفا، چال ڈھال، پسند و نا پسند، جذبات و احساسات، حرکات وسکنات، معاونین و مخالفین، مشاغل اور دلچسپیوں کے بارے میں جو لفظی مرقع نگاری کی ہے اس کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے۔ ہرجگہ دلچسپی کے بے شمار موضوعات ہیں جو قاری کے لیے جہان تازہ کی نوید لاتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد ریاض انجم نے اپنی اس وقیع تصنیف کو پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی زندگی کی ایک ایسی تاریخ کی صورت میں پیش کیا ہے جو چشم کشا صداقتوں سے لبریز ہے۔ ان کا اسلوب ایک عام مورخ سے بہت مختلف ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ تاریخ نویسی اور سوانح نگاری کی حدود الگ ہیں۔ مصنف نے اپنے اسلوب میں تاریخی عوامل کو ہر مرحلے پر پیش نظر رکھا ہے۔ انسانی زندگی ریگ ساحل پر لکھی وقت کی ایک تحریر کے مانند ہے جسے سیل زماں کے تھپیڑے پلک جھپکتے میں بہا کر لے جاتے ہیں۔ تاریخ کا مسلسل عمل یہ واضح کرتا ہے کہ وقت کی مثال بھی آب رواں کی تند و تیز موجوں کی سی ہے۔ جب یہ موجیں ایک بار گزر جائیں تو کوئی بھی شخص اپنی شدید تمنا اور قوت کے با وجود دوسری باران کے لمس سے کبھی فیض یاب نہیں ہو سکتا۔ اس کتاب میں مصنف نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی حیات اور خدمات کا بھرپور احاطہ کیا ہے اور ان کی زندگی کے سبھی موسموں اور رتوں کی دلکش کہانی بیان کی ہے۔ ایک با اصول ادیب کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی نے یہ ثابت کر دیا کے کاروان حسینؓکو ہمیشہ سے صعوبتوں کا سفر درپیش رہا ہے مگر اس کارواں کے مسافروں نے اپنی زندگی کے اصولوں سے کبھی انحراف نہیں کیا۔ ظلم کے سامنے سپر انداز ہونا بہ جائے خود ایک ظلم اور اہانت آمیز فعل ہے۔ مصنف نے اپنے ممدوح کے چال چلن اور ذہن و ذکاوت کے تمام پہلوؤں کو موثر انداز میں بیان کیا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فکری اور فنی ارتقا کی جو صورت سامنے آئی اس کا احوال بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ مصنف نے شخصیت کی زندگی کے باسٹھ برسوں کی تاریخ لکھتے وقت اس کے داخلی جذبات و احساسات کو نہایت باریک بینی سے پیش کیا ہے۔ ان کی نکتہ سنجی کا جادو ہر جگہ سر چڑھ کر بولتا ہے۔ ابتلا اور آزمائش کی گھڑیوں میں شخصیت نے جس خارجی رد عمل کا اظہار کیا اسے بھی من و عن سامنے لانے کی سعی کی ہے۔ کتاب کے مطالعہ کے بعد یہ بات بلا خو ف تر دید کہی جا سکتی ہے کہ لائق مصنف نے شخصیت کی زندگی کے کسی لمحے کو نظر انداز نہیں کیا۔ اس سے یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ مصنف نے اپنے اسلوب میں شخصیت کے بارے میں تاریخی صداقتوں، خود شخصیت اور ادبی معائر کو اپنے لیے زاد راہ بنایا ہے۔ ان کا مثالی اسلوب کئی اعتبار سے نہ صرف شخصیت کے بارے میں حقیقی شعور و آگہی سے متمتع کرنے کا اہم ترین وسیلہ ہے بل کہ تاریخ اور تہذیب کے تحفظ کی ایک کا میاب کوشش بھی ہے۔ زبان و بیان پر خلاقانہ دسترس اور ندرت تخیل نے مصنف کے اسلوب کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔
شخصیت کی تعمیر و تشکیل میں متعدد عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد ریاض انجم نے ان عوامل کی گرہ کشائی کی بھر پور کوشش کی ہے۔ کتاب کی ابواب بندی اس حقیقت کی مظہرہے کہ مصنف نے شخصیت کی تفہیم پرپوری توجہ دی ہے۔ پہلا باب ’’اسرار زیست ‘‘ ہے۔ اس باب میں مصنف نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی شخصیت کے ارتقا پر مدلل انداز میں روشنی ڈالی ہے۔ دوسرا باب ’’بابا جی کی خدمات ‘‘کے عنوان سے لکھا گیا ہے۔ یہ باب دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں تعلیمی و تدریسی خدمات کو شامل کیا گیا ہے جب کہ دوسرے حصے میں ادبی خدمات کو جگہ دی گئی ہے۔ فروغ علم و ادب کے لیے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی خدمات کا ایک عالم معترف ہے۔ ان کی ہمیشہ یہ خواہش رہی ہے کہ پاکستانی معاشرے کو ہرقسم کی عصبیت اور تنگ نظری سے نجات دلانے کی کوشش کی جائے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے وہ روشن خیالی اور وسیع النظری کو نا گزیر خیال کرتے تھے ادب، تاریخ یا فنون لطیفہ کا کوئی بھی شعبہ ہو اس میں روشن خیالی کے سوتے اسی وقت پھوٹتے ہیں جب معاشرے میں شرح خواندگی بہت بلند ہو۔ ان کا استدلال یہ رہا ہے کہ اگر افراد معاشرہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کر دیا جائے تو وسعت نظر اور روشن خیالی کی شمع فروزاں ہو گی، اس کے اعجاز سے اذہان کی تطہیر و تنویر کا اہتمام ہو گا اور دہشت گردی، عصبیت اور سماجی برائیوں کو بیخ و بن سے اکھاڑ پھینکنے میں کا میابی ہو گی۔ ایک روشن خیال اور محب وطن ادیب اور دانش ور کی حیثیت سے انھوں نے اردو شاعری، افسانہ نگاری، طنز و مزاح، تراجم، تنقید و تحقیق، لسانیات، غالبیات، اقبالیات، نفسیات، تاریخ، معاشیات، علم بشریات، انٹر نیٹ پر موجود اپنی نادر تحریروں، سیاسیات، جغرافیہ، مذاہب عالم، بین الاقوامی حالات، قومی اور ملی مسائل، تجزیاتی مطالعات اور مضمون نگاری سے نہ صرف اردو ادب کی ثروت میں اضافہ کیا ہے بل کہ روشن خیالی کی مشعل تھام کر سفاک ظلمتوں کو کافور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس باب میں اس کی تفصیل شامل ہے۔ اس کتاب کا تیسرا باب ’’اعتراف خدمات ‘‘ہے۔ اس باب میں مصنف نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی طویل ادبی خدمات کا ذکر کیا ہے اور ان کی جس سطح پر پذیرائی ہوئی ہے اس کا احوال بیان کیا ہے۔ اس حصے میں دنیا کے ممتاز دانش وروں کی تحریروں کو شامل کیا گیا ہے جن میں انھوں نے اس ہفت اختر شخصیت کے فکر و فن، انسانی ہمدردی اور مثالی اسلوب کو زبردست خراج تحسین پیش کیاہے اور ان کے تحقیقی، تنقیدی اور تخلیقی کام کی اہمیت کو واضح کیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی شخصیت اور اسلوب پر اب تک کیے جانے والے کام کی تفصیل اس حصے میں موجود ہے۔ کتاب کے چوتھے باب کا عنوان ہے ’’بابا جی بہ حیثیت غالب شناس ‘‘۔ یہ باب تنقیدی اعتبار سے بہت افادیت کا حامل ہے۔ مصنف نے اس باب میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی غالب شناسی پر ان کی تمام تحریروں کا حوالہ دیا ہے اور غالب کی شاعری پر ان کے فلسفیانہ نکات اور توضیحات کا اجمالی جائزہ پیش کیا ہے۔ میری دانست میں ا س وقت تک غالب کے فکر و فن پر اس قدر وقیع اور جامع کام بہت کم ہوا ہے۔ پوری دنیا میں اس کام کی پذیرائی ہوئی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصودحسنی کی غالب میں دلچسپی نصف صدی کا قصہ ہے اسے مصنف نے پوری توجہ سے مرتب کیا ہے۔ پانچویں باب کا عنوان ہے ’’ادبی تحائف‘‘ اس باب میں ان تمام مصنفین اور مشاہیر ادب کا حوالہ دیا گیا ہے جنھوں نے مختلف اوقات میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کو اپنی تصانیف اپنے دستخطوں کے ساتھ عطا کیں۔ اس حصے میں ان مشاہیر ادب کے وہ مختصر جملے قاری کو متوجہ کرتے ہیں جو انھوں نے کتاب پیش کرتے وقت پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کے بارے میں لکھے۔ ان کے مطالعہ سے ان کے حقیقی ادبی مقام اور علمی منصب کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ کتاب کا چھٹا باب ’’اہل قلم کے بارے میں مختصر رائے ‘‘پر مشتمل ہے۔ یہ باب عملی تنقید اور مطالعۂ احوال پر مشتمل ہے۔ اس باب میں مصنف نے ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والی دنیا کی نامور شخصیات کے بارے میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی آراء کا انتخاب شامل کیا ہے۔ ظاہر ہے کتاب کی ضخامت ان طویل عالمانہ مضامین کی متحمل نہیں ہو سکتی تھی اس لیے منتخب اقتباسات پر ہی اکتفا کیا گیا ہے۔ ان آراء کے مطالعہ سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ ان کے مزاج میں کس قدر انکسار، ا ستغنا اور شان دل ربائی پائی جاتی ہے۔ وہ ہر کسی کے ساتھ اخلاق اور اخلاص سے بھر پور سلوک کرتے ہیں۔ ساتوں باب ’’خطوط ‘‘پر مشتمل ہے۔ اس باب کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں ان خطوط کا حوالہ دیا گیا ہے جو پروفیسرڈاکٹر سید مقصودحسنی کو مشاہیر ادب کی طرف سے موصول ہوئے۔ دوسرے حصے میں ان خطوط کا ذکر موجود ہے جو پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی نے مختلف اوقات میں احبا ب کو ارسال کیے۔ آٹھواں باب ’’مآخذ و مراجع ‘‘ کے نام سے شامل کیا گیا ہے۔ اس باب میں مصنف نے پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کے زیر مطالعہ رہنے والی کتب کی فہرست پیش کی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی ایک وسیع المطالعہ دانش ور ہیں۔ اردو اور عالمی کلاسیک کا انھوں نے عمیق مطالعہ کیا ہے۔ پاکستان کی علاقائی زبانوں کے ادب پر ان کی گہری نظر ہے۔ اس لیے یہ بات قابل فہم ہے کہ مجموعی طور پر وہ پاکستانی ادبیات کے نبض آشنا ہیں۔ ان کے زیر مطالعہ رہنے والی کتب کی یہ فہرست اگرچہ خاصی طویل ہے لیکن یہ مکمل نہیں۔ مجھے ذاتی طور پر معلوم ہے کہ انھوں نے لاہور، کراچی، اسلام آباد اور پاکستان کے طول و عرض میں موجود کتب خانوں میں جا کر داد تحقیق دی۔ اس کے علاوہ انٹر نیٹ سے کئی نادر و نایاب کتب ڈاؤن لوڈ کیں اور ان سے استفادہ کیا۔ ان کے ذاتی کمپیوٹر میں ایک لاکھ سے زائد کتب ڈاؤن لوڈ کی جا چکی ہیں۔ دنیا کی اہم ویب سائٹس شبلی اکیڈمی، دیدہ ور، شعر و سخن، عالمی ڈیجیٹل لا ئبریری اور علامہ اقبال سائبر لا ئبریری لاہور سے انھوں نے بھرپور استفادہ کیا ہے اور سائبر لائبریریوں سے وہ ہمہ وقت استفادہ کرتے رہتے ہیں۔ دنیا کے نامور ادیبوں اور اہل کمل کے ساتھ ان کا ای۔ میل کے ذریعے مسلسل رابطہ رہتا ہے۔ اپنے مطلوبہ مجلات اور کتب ان کوآسانی سے ای۔ میل کے ذریعے بھی مل جا تی ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے موجودہ دور میں مطالعۂ ادب اور تنقید و تحقیق کے مآخذ تکر سائی کے پرانے طریقے اب ہماری ضروریات کے لیے نا کافی ثابت ہو رہے ہیں۔ مغرب کی ترقی یافتہ اقوام کی دقیقہ سنجی نے اس سلسلے میں فکر و نظر کی کایا پلٹ دی ہے۔ اب علوم و فنون کی نادر و نایاب کتب کو برقی کتب کی شکل میں اون لائن کیا جا چکا ہے۔ نئی کتابیں اور ادبی مجلات بھی اب پرنٹ اور اون لائن دونوں صورتوں میں پیش کیے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد سے شائع ہونے والا ادبی مجلہ ’’ الاقربا ‘‘، لاہور سے شائع ہونے والا ادبی مجلہ ’’ادب لطیف ‘‘ اور ’’تخلیق نو ‘‘ شبلی اکیڈمی کا مجلہ ’’معارف ‘‘ پٹنہ سے شائع ہونے والا ادبی مجلہ’’ کسوٹی جدید ‘‘اور با سٹن (امریکہ )سے شائع ہونے ولا ادبی مجلہ’’ دیدہ ور ‘‘ اس کی چند مثالیں ہیں۔ وہ ان مجلات کے مستقل قاری ہیں اور ان کی آرا ء بھی مدیر کے نام خطوط میں شامل ہوتی ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی گزشتہ پندرہ برس سے انٹر نیٹ سے استفادہ کر رہے ہیں۔ اس عرصے میں انھوں نے ہر موضوع پر بے شمار مضامین لکھے جن کے لیے مطلوبہ مواد انھوں نے عالمی ادب کی ویب سائٹس ہی سے حاصل کیا۔ اس باب میں کئی اہم دستاویزات اور اشاریہ بھی مو جود ہے۔ ڈاکٹر محمد ریاض نے ایک ایسے دانش ور کی زندگی کو موضوع بنایا ہے جس نے زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگر کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ مصنف نے اس کتاب میں یہ کوشش کی ہے کہ اس عظیم تخلیق کار اور دانش ور کی فعال اور مستعد زندگی ہی میں ان کے کمال فن کے متعلق حقائق سامنے لائے جائیں۔ انھوں نے حقائق کو پوری دیانت سے یک جا کر دیا ہے اور کہیں بھی زیب داستاں کے لیے بے سروپا باتوں سے تجسس پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ان کی یہ کاوش بڑی مستحسن ہے اور اردو ادب کے طالب علموں اور اساتذہ کی گردن ان کے بار احسان سے ہمیشہ خم رہے گی۔ اللہ کریم انھیں اس نیکی کا اجر عظیم عطا فرمائے۔
ڈاکٹر محمد ریاض انجم نے اپنی اس تصنیف میں پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی کی حیات اور علمی و ادبی خدمات کے بارے میں ٹھوس معلومات اور ثبوت پیش کر کے ان کی شخصیت کو تاریخ ادب کے ایک معتبر حوالے کی حیثیت سے پیش کیا ہے۔ ان کی سوانح نگاری محض ان کے ذوق سلیم کی عطا نہیں بل کہ اس کے مطالعہ سے قاری کے فکر و نظر کو مہمیز کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کتاب میں شخصیت کی زندگی کے متعدد واقعات اور نشیب و فراز موجود ہیں۔ انھیں انشا پردازی کا کمال نہیں سمجھنا چاہیے بل کہ یہ سب علامات ایک نفسیاتی کل کی جانب متوجہ کرتی ہیں جس کے معجز نما اثر سے لا شعور کی حرکت و حرارت کو متشکل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ایک عظیم تخلیق کارنے گزشتہ نصف صدی میں اپنے خون جگر سے گلشن ادب کو جس انداز سے نکھارا، اس کے بارے میں حقیقی صورت حال کو واضح کیا گیا ہے۔ ایام گزشتہ کی کتاب کی ورق گردانی کرتے وقت ان شب و روز اور مہ و سال کو کیسے فراموش کیا جا سکتا ہے جو پروفیسر ڈاکٹر سید مقصود حسنی جیسے عظیم انسانوں نے انسانیت کے وقار اور سر بلندی کی خاطر دکھ سہہ کر گزار دئیے اور کبھی حرف شکایت لب پر نہ لائے۔ اپنے ذہن و ذکاوت کے اعجاز سے انھوں نے نئی نسل کے لیے ایک قابل عمل لائحۂ عمل پیش کیا۔ مستقبل کا محقق اسی نشان راہ پر چل کر تہذیبی ارتقا کو یقینی بنائے گا اور اس طرح روشنی کا یہ سفر جاری رہے گا۔
٭٭٭

اردو ادب کی رومانوی تحریک ایک مطالعہ

ابتدائیہ

اس عالم آب و گل کے نظام کا بہ نظر غائر جائزہ لینے سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح و جاتی ہے کہ قدرت کے کارخانے میں سکون عنقا ہے۔ ہر لحظہ نیا طور نئی برق تجلی کی کیفیت ہے جو اس حقیقت کی غماز ہے کہ ثبات تو محض تغیر کو نصیب ہے۔ ادبیات عالم بھی اسی تغیر کی زد میں چلے آ رہے ہیں۔ تخلیق کار اور اس کے لاشعوری تخلیقی محرکات پیہم جواں اور دما دم رواں رہتے ہیں۔ تخلیقی عمل جمود کی مسموم فضا کی تاب نہیں لا سکتا۔ ہر لمحہ تغیر پذیر کائنات اور اس کا ماحول فکر انسانی اور تخلیق کار اور اس کے تخلیقی محرکات پر جو گہرے اثرات مرتب کرتا ہے ان کے اعجاز سے فکر و نظر میں واضح تبدیلی رونما ہوتی ہے۔ انگلستان میں جب ملکہ وکٹوریہ (24مئی 1819تا22جنوری 1901)کی حکومت تھی تو اس کے تریسٹھ سالہ عہد اقتدار (20جون 1837تا22جنوری 1901)میں عالمی افق پر جو برق رفتار تبدیلیاں رونما ہو رہی تھیں ان کے اثرات ہر شعبہ زندگی پر مرتب ہوئے۔ خاص طور پر صنعت و حرفت، تہذیب و ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، معیشت و تجارت اور دفاع کے شعبوں میں حالات کی کایا پلٹ گئی۔ سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی نے دیرینہ اقدار و روایات کو یکسر بدل دیا۔ رفتہ رفتہ حالت یہ ہوئی کہ زندگی کی درخشاں روایات اور اقدار عالیہ کا تصور خیال و خواب بن گیا۔ معاشرتی زندگی سے دیانت، خلوص، بے لوث محبت، دردمندی، سادگی اور انسانی ہمدردی کو بارہ پتھر کر دیا گیا۔ ہوس نے نوع انساں کو ہولناک انتشار اور پرا گندگی کی بھینٹ چڑھا دیا۔ زندگی کی اقدار عالیہ اور درخشاں روایات کے عنقا ہونے کے بعد معاشرتی زندگی میں جعل سازی، تصنع، بد دیانتی، خود غرضی اور ہوس زر کو سکہ رائج الوقت کی حیثیت حاصل ہو گئی۔ اس اعصاب شکن اور مسموم صورت حال نے گلشن ادب کو بھی متاثر کیا۔ جبر کے ماحول میں تو طیور بھی اپنے آشیانوں میں دم توڑ دیتے ہیں۔ ادبی تخلیق پر بھی اس کیفیت کے منفی اثرات مرتب ہونے لگے۔ تخلیق ادب کو متعدد ناروا پابندیوں کا سامنا تھا۔ تخلیقی سطح پر جب جذباتی انخلا اور ما فی الضمیر کے اظہار کی راہیں مسدود کر جائیں تو زیرک اور جری تخلیق کار تزکیہ نفس کی نئی صورتیں تلاش کرنے میں کبھی تامل نہیں کرتے۔ روشنیوں کے سفر میں سد راہ بننے والے حرف غلط کی طرح مٹ جاتے ہیں۔ تیشہ حرف سے فصیل جبر کو منہدم کرنے والے ہر عہد میں قلم بہ کف مجاہد کا کردار ادا کرتے چلے آئے ہیں۔ غالب نے کہا تھا :
پاتے نہیں جب راہ تو چڑھ جاتے ہیں نالے رکتی ہے میری طبع تو ہوتی ہے رواں اور
رومانویت نے جبر کے ماحول میں بھی حریت فکر کا علم بلند رکھنے پر اصرار کیا۔ اس نے واضح کر دیا کہ لب اظہار پر تالے لگانے والے تاریخ کے مسلسل عمل اور فطرت کی تعزیروں سے غافل ہیں۔ یہ نوشتہ تقدیر ہے کہ ظلم و جبر کا پرچم بالآخر سر نگوں ہو جاتا ہے۔ ایک مستعد تخلیق کار جب قلم تھام کر مائل بہ تخلیق ہوتا ہے تو اپنے اشہب قلم کی جو لانیوں سے ید بیضا کا معجزہ دکھاتا ہے اور اس کی قوت فکر کی جولانیاں اور جذبات و احساسات کی تند و تیز موجیں فسطائی جبر کی مسلط کردہ پابندیوں کو خس و خاشاک کے ما نند بہا لے جاتی ہیں۔ ادب میں رومانوی تحریک کے سوتے بھی اسی نوعیت کے ماحول سے پھوٹے۔ رومانویت کے علم برداروں نے ہر قسم کے جبر اور نا روا پا بندیوں کے خلاف کھل کر لکھا۔ رومانویت نے عالمی ادبیات پر دوررس اثرات مرتب کیے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ گزشتہ صدی کی روشن خیالی، خشک اور بیزار کن سائنسی انداز فکر، یکسانیت کی شکار اکتا دینے والی مقصدیت اور ہوس کے خلاف رومانویت نے صدائے احتجاج بلند کی۔ سائنسی انداز فکر نے لطیف جذبات، قلبی احساسات اور بے لوث محبت کو بالعموم نظر انداز کر دیا تھا۔ رومانویت نے انھی دل کش اور حسین جذبوں کے احیا پر پوری توجہ مر کوز کر دی۔ ان کا اصرار تھا کہ لوک ادب، لوک داستانوں اور ما بعد الطبیعاتی عناصر در اصل ادب کی جمالیات کی تفہیم میں چراغ راہ ثابت ہوتے ہیں۔ رومانویت نے اس حقیقت کی جانب متوجہ کیا کہ تخلیق فن کے لمحوں میں تخلیق کار کے جذبات و احساسات ہی اس کا زاد راہ ہوتے ہیں۔ انھی کو اساس بنا کر وہ اپنی تخلیقی فعالیت کے لیے لائحہ عمل کا تعین کرتا ہے۔
برطانیہ میں جن شعرا نے حسن کے بارے میں لطیف جذبات اور قلبی احساسات کو اپنے اسلوب میں جگہ دی ان میں ورڈس ورتھ، کالرج، ولیم بلیک، لارڈ بائرن، شیلے اور کیٹس کے نام قابل ذکر ہیں۔ فرانس میں وکٹر ہیوگو، امریکہ میں ایڈگر ایلن پو، واشنگٹن ارونگ اور روس میں الیگزنڈر پشکن کو رومانویت کے بنیاد گزار کی حیثیت سے اہم مقام حاصل ہے۔ ان تخلیق کاروں نے حرف صداقت اور قلبی سکون کے پر لطف احساس کو باہم مربوط کر دیا۔ رومانویت کے بارے میں یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ رومانویت کا مطمح نظر یہ ہے کہ فکر و خیال کی آزادی اور تخلیقی عمل کی روح کو ایسی جہت عطا کی جائے کہ تخلیقی عمل فطرت کے مقاصد کی ترجمانی اور نگہبانی کا فریضہ انجام دے سکے۔ اس کے علاوہ رومانویت نے تخیل کی شادابی پر توجہ دی۔ عقل کی بالادستی کے بجائے انھوں نے تخیل کی جو لانیوں پر توجہ دی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انھوں نے مافوق الفطرت عناصر کو بھی مرکز نگاہ بنا لیا تھا۔ عقل عیار ہے جو کہ مصلحت کے تحت متعد د سوانگ رچا لیتی ہے، اس کے بر عکس عشق و محبت اور رومان کی اپنی ایک دلکش فضا ہے جس میں فرد کو سکون قلب کی دولت ملتی ہے۔ رومانویت نے تکنیکی خلوص کو رو بہ عمل لانے کی مقدور بھر سعی کی۔ اس عہد کی ظلمت میں ہر قلب پریشاں کو جس پر یشانی ، درماندگی اور ابتری کا سامنا تھا اسے انھوں نے پوری قوت کے ساتھ پیرایہ اظہار عطا کیا۔ رومانویت نے ہئیت اور تکنیک کی بالا ستی کے مروج اور روایتی تصور کو لائق اعتنا نہ سمجھا۔ وہ دھیمے سروں میں عرض نوائے حیات کرنے پر توجہ دیتے ہیں۔ وہ سینے پر درد کی سل رکھ کر اس قدر کیف پرور انداز میں بات کرتے ہیں کہ ان کی گفتگو دل کی گہرائیوں میں اترتی چلی جاتی ہے۔ رومانویت نے اس خیال کو تقویت دی کہ جس طرح بصارت کو روشنی کی ضیا پاشیوں کی احتیاج ہو تی ہے اسی طرح عقل بھی حسن کی جلوہ آرائیوں کا مرہون منت ہے۔ رومانیت کو کلاسیکیت کی ضد سمجھنا درست نہیں بل کہ حقیقت یہ ہے کہ رومانیت جس کا امتیازی وصف داخلیت ہے اپنی نوعیت کے اعتبار سے حقیقت پسندی کی ضد ہے۔ رومانیت کے سوتے مسحور کن حسن کی دلفریب کیفیات ، تخیر، ندرت اور محیر العقول تصورات کے شیر و شکر ہونے سے پھوٹتے ہیں۔ زندگی کے تلخ حقائق اور واقعیت سے گریز کی جو کیفیت ان کے اسلوب میں جلو ہ گر ہے وہ قاری کو وادی ء خیال کو مستانہ وار طے کرنے پر آمادہ کرتی ہے۔ ڈاکٹر سید عبداللہ نے رومانیت کے مفہوم کو واضح کرتے ہوئے لکھا ہے:
’’رومانیت کا ایک ڈھیلا ڈھالا سا مطلب یہ ہے کہ یہ ایک ایسے اسلوب اظہار یا انداز احساس کا اظہار کرتی ہے جس میں فکر کے مقابلے میں تخیل کی گرفت مضبوط ہو، رسم و روایت کی تقلید سے آزادی خیالات کوسیلاب کی طرح جدھر ان کا رخ ہو، آزادی سے بہنے دیا جائے۔ ‘‘(1)
زندگی کی برق رفتاریوں نے اقدار و روایات پر بھی دور رس اثرات مرتب کیے ہیں۔ ہر انسان محسوس کرتا ہے کہ رخش عمر مسلسل رو میں ہے۔ انسان کا ہاتھ نہ تو باگ پر ہے اور نہ ہی اس کا پاؤں رکاب میں ہے۔ یہ کائنات ابھی نا تمام ہے اور دما دم آنے والی صدائے کن فیکون یہ ثابت کرتی ہے کہ نظام کائنات پیہم تبدیلیوں کی زد میں ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ ہر قسم کی شدت خواہ اس کا تعلق تخیل کی جولانی سے ہو یا احساس کی فراوانی سے اس کے پس پردہ رومانویت پر مبنی سوچ کار فرما ہوتی ہے۔ یہ سوچ تخلیقی عمل کو اس طرح مہمیز کرتی ہے کہ اس کے معجز نما اثر سے فکر و نظر کے نئے دریچے و ا ہوتے چلے جاتے ہیں۔ ارونگ ببٹ (Irving Babbit) نے رومانویت پر مبنی سوچ کے اہم پہلو کے بارے میں لکھا ہے :
’’رومانوی ذہن اپنی مثالی دنیا کے تصور میں سرشار گرد و پیش کی ٹھوس حقیقتوں سے قطع نظر کرنا چاہتا ہے ‘‘(2)
روسو (Rousseau)کو حسن ارواح کے ہر فعل میں نیکی کی جھلک دکھائی دی۔ اپنے رومانی تخیل میں روسو نے فرد کی انا اور انفرادیت کو اس قدر اہمیت دی کہ اس کے خیالات نہ صرف روایت سے کلی طور پر انحراف کرتے ہیں بل کہ بعض اوقات تو یہ خیالات روایات سے بغاوت کی صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ وہ روح جمال کے تمام افعال کو مبنی بر حقیقت سمجھتا ہے اور ان کی تمام کار گزاریوں کو بر محل قرار دیتا ہے۔ یہاں تک کہ اس نے ابلیس کو بھی ایک فعال رومانی کردار کے روپ میں پیش کیا۔ رومانویت کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ ان کے نہاں خانہ دل سے باہر موجود افراد کی متلاطم دنیا میں کیا نشیب و فراز سامنے آ رہے ہیں۔ وہ اس سے قطعی طور پر بے تعلق رہنے پر اصرار کرتے ہیں۔ اپنی انا کے علاوہ انھیں کسی دوسری چیز سے کوئی دلچسپی نہیں ہو تی۔ کلاسیکی اور رومانوی سوچ کے مابین جو حد فاصل ہے اس کے بارے میں گریرسن نے صراحت کرتے ہوئے لکھا ہے :
’’ تاریخ میں ان کی مثال قلب انسانی کے گھٹنے اور بڑھنے کی حرکت سے دی جا سکتی ہے۔ کلاسیکی ادب کی تحریک نظم و ضبط، مختلف اشیا کے امتزاج فکر جذبات اور عمل کو ایک ترتیب کی طرف لے جاتی ہے لیکن رومانوی تحریک کا دائرہ وسیع ہے اور یہ تحریک اہل قلم کو کلاسیکی ادب کے مقررہ اصول کے خلاف آزادہ روی اور شدت کی طرف لے جاتی ہے۔ (3)
رومانویت نے رنگ، خوشبو، حسن و خوبی اور صوت و آہنگ کے تمام استعارے اپنے اسلوب کی اساس بنائے۔ وہ فرد کی روح کو نہ صرف حیات مستعا ر بل کہ حیات بعد الممات کی پیش بینی کی صلاحیت سے متمتع کرنے کے متمنی تھے۔ رومانویت کے علم بردار ادیب سر حد ادراک سے بھی آگے جا کر حسن کی اقلیم کو اپنی جولاں گاہ قرار دیتے ہیں۔ حسن کے نا قابل فراموش مناظر ، لائق صد رشک و تحسین کارہائے نمایاں اور ابد آشنا وجدانی جلوے اس وسیع و عریض کائنات کو نیرنگی ء تقدیر جہاں کی صورت میں سامنے لاتے ہیں اور فرد یہ سوچتا ہے کہ یہ لمحے اور یہ ایام زبان حال سے جو کچھ بیان کر رہے ہیں وہ کشف کی منزل کی جانب لے جانے کا ایک طریقہ ہی تو ہے۔ رومانویت نے تخلیق شعر وا دب کو مطلقات کی اقلیم کو زیر و زبر کرنے کا ایک طریقہ قرار دیا۔ رومانویت نے قوت، جوش، جذبے، تجسس، بے چینی، بے قراری، اضطراب، روحانیت، دشوار پسندی، آزادی کا ارتقا، پیہم تجربات و مشاہدات، جہد مسلسل اور اشتعال سب کو ایک نئے اور منفرد انداز میں دیکھا۔ زندگی کا کوئی پہلو ایسانہیں جس میں رومانویت کو حسن کی جلوہ آرائی دکھائی نہ دے۔ یہاں تک کہ کائنات کے ہیبت ناک مناظر، موت کے اذیت ناک لمحات، دل دہلا دینے والے پر خطر سانحات، ویرانوں ، بیابانوں اورقبرستانوں کا سکوت مرگ اور جاں گسل تنہائی کی جان لیوا کیفیات میں بھی انھیں حسن کی کارفرمائی محسوس ہوتی ہے۔ شیلے نے یونانی دیو مالا کی حسینہ میڈوسا کے بارے میں لکھا ہے :

یہ دہشت کی خوب صور ت دیوی ہے
کیونکہ سانپوں سے پیتل کی چمک پیدا ہوتی ہے
شاید یہ کسی حل نہ ہو نے والی غلطی کا نتیجہ ہے
جس سے فضا میں ایک ہیجانی کیفیت برپا ہے
یہ تصویر ایک لا زوال چمکتا ہوا آئینہ ہے
جس میں سر ا سر حسن اور دہشت نظر آ تی ہے
ایک عورت کا چہرہ اور بالوں میں سانپ
یہ گویا ان بھیگی ہوئی پہاڑیوں سے ابد کی طرف رخ کیے ہوئے ہیں۔ (4)

فرانس کے ممتاز شاعر چارلس بودلئیر (Charles Baudelaire)جس کا عرصہ حیات 9۔ اپریل 1821تا 31۔ اگست 1867ہے، نے میڈوسا کے سر سے حسن کی تلاش کی ہے۔ اس کا یہ انداز فکر رومانویت کی خوشہ چینی کا مظہر ہے۔ اس کی نظم ’’حسن کی جناب ‘‘ سے ایک اقتباس پیش ہے :

اے حسن کی دیوی !تو آسمان سے اترتی ہے یا جہنم سے آتی ہے
اس بات کو سمجھنا بالکل بے کار ہے
اے حسن کی دیوی !تو ایک عجیب الخلقت ہستی ہے، دہشت ناک مگر سادہ
تیری چشم (فسوں کار )تیرے تبسم (جانفزا)اور تیرے قدم نے
میرے لیے ابدیت کا دروازہ کھول دیا ہے، جس کو میں پسند کرتا ہوں اور جس سے میں واقف تھا۔ (5)

روسو کے اثرات دیدیرو(Denis Diderot) کے افکار میں موجود ہیں۔ وہ روسو کی اس فطرت پسندی پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے جب وہ یہ کہتا ہے کہ اس دنیا کی ہر چیز اس لیے پسندیدہ اور حسین ہے کہ اسے کائنات کے خالق نے اپنے دست قدرت سے تخلیق کیا ہے۔ اس کے بر عکس کاؤنٹ ساد(Count Sade) ایک مجسم ابلیس تھا، اسے ہر چیز میں منفی پہلو دکھائی دیتا تھا۔ اس ابلیس نژاد شخص کو ہر چیز شیطان کی تخلیق دکھائی دیتی تھی۔ سادیت پسندی (sadism) اسی سے منسوب ہے۔ لذت ایذا حاصل کرنا ہمیشہ اس کا وتیرہ رہا۔ اس کے ہم عصر گان کورٹ(Gon Court)نے اس کے مکر کا پردہ فاش کیا اور اسے ایک ایسا جنسی جنونی قرار دیا جس کی نگاہ خیر پر نہیں بل کہ شر پر مرکوز رہی۔ اس کے قابل مذمت اور لائق نفرت شہوانی جذبے کو اس کے خبط پر محمول کیا گیا۔ اسی عہد کے ایک ممتاز انگریزی ناول نگار سموئیل رچرڈ سن (Samuel Richardson ) جس کا عرصہ حیات (19-8-1689تا04-7-1761)ہے نے اپنے اسلوب میں رومانویت کو پروان چڑھایا۔ اس کے ناول پامیلا (1740)اور کلیریسا(Clarissa)کو بہت شہرت ملی۔ اس کے علاوہ فرانس میں بھی وکٹر ہیوگو (Victor Marie Hugo 26-2-1802 To-27-5-1885)، نامور ناول نگار اور مورخ الیگزنڈر ڈیوما(Alexander Dumas 24-7-1802 To-5-12-1870)اور الفریڈ ڈی مسے (Alfred de Musset 11-12-1807 To 02-5-1857)کے اسلوب نگارش سے رومانوی تحریک کو تقویت ملی۔
مغرب کی رومانوی تحریک نے تخلیق کار اور قاری دونوں کو فرسودہ روایتی انداز ترک کر کے نئے انداز فکر کی جانب مائل کیا۔ اس طرح فہم و ادراک کو نئے آفاق تک رسائی کی راہ دکھائی۔ اس طرح دلوں کو ایک ولولہ تازہ نصیب ہو نے کی توقع تھی۔ اس تخلیقی عمل میں انھیں لا شعور کی جانب مراجعت کی راہ دکھائی۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ رومانویت نے لسانیات، ہیئت اور تخیل کے پرانے معائر اور نظریات کو بالعموم لائق اعتنا نہیں سمجھا بل کہ اس کی جگہ فکر و خیال کی ایک نئی دنیا کا تصور پیش کیا گیا۔ اس دنیا میں تخلیقی سطح پر جو تنوع، رعنائی، کشش اور بو قلمونی پیدا کرنے کی سعی کی گئی اس کے اعجاز سے مفاہیم اور معانی کا ایک جہان تازہ قلب و نظر کو مسخر کرنے پر قادر تھا۔ رومانویت نے موضوعات کو ندرت، وسعت اور تنوع سے آشنا کیا۔ اس طرح تخیل کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی امید پیدا ہوئی۔ تخلیق کار کو اپنی پسند کے مطابق تخلیقی اظہار کا طریقہ اپنانے کا موقع ملا اور اس طرح اسلوب پر عائد قدغنوں کو بیخ و بن سے اکھاڑ پھینکنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ تخلیق فن کے لمحوں میں حسن کی جلوہ آرائی کے دھنک رنگ مناظر سے مسحور کن سماں پیدا ہو گیا۔
ادب کو کلاسیکی اور رومانی اعتبار سے تقسیم پر سب سے پہلے گوئٹے نے توجہ دی۔ یورپ کی ادبی تاریخ میں یہ تحریک تین ادوار میں سے گزری۔ ان کی تفصیل حسب ذیل ہے :
پہلا دور :قدیم یونان میں یوری پی ڈیز(Euripedes)کے ڈراموں سے اس کا آغاز ہوا۔ اس دور کا اختتام افلاطون کے مکالموں پر ہوا۔
دوسرا دور :اس دور میں بارہویں اور تیرہویں صدی کے افسانے شامل ہیں۔
تیسرا دور :اٹھارہویں صدی کے نصف دوم سے انیسویں صدی کے نصف اول پر مشتمل ہے۔
روسو نے معاشرے کے جان لیوا صدمات، الم ناک حالات اور جبر کے اذیت ناک ماحول کے خلاف کھل کر لکھا۔ اس کی تحریروں میں سماجی زندگی کی بے اعتدالیوں ، معاشرتی تضادات، شقاو ت آمیز نا انصافیوں اور استحصال کے خلاف جو دبنگ لہجہ اپنایا گیا اس کے اعجاز سے فرانس میں بیداری کی ایک لہر پیدا ہوئی ور اس طرح انقلاب فرانس کا رستہ ہموار ہو گیا۔ اس نے فرد کی آزادی کو درپیش خطرات اور جبر کے ماحول کے خلاف بھر پور احتجاج کیا۔ اسے اس بات کا شدید rveاللہ نے رومانن قلق تھا کہ قدرت کاملہ نے تو فرد کو آزاد حیثیت میں تخلیق کیا لیکن جبر کے ماحول میں اسے پا بہ زنجیر کر دیا گیا ہے۔
اردو ادب میں رومانوی تحریک کا آغاز بھی ایک رد عمل کی صورت میں ہوا۔ 1857کی ناکام جنگ آزادی کے بعد سر سید احمد خان اور ان کے نامور رفقائے کار نے سائنس، فلسفہ، مقصدیت، عقلیت پسندی، اصلاح اور نئے طرز احساس پر جس شدت کے ساتھ زور دیا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس نے بیزار کن یکسانیت اور انجماد، ثقالت اور غیر معمولی سنجیدگی کو تقویت دی۔ اسلوب نگارش کا یہ ناصحانہ انداز عام قاری کے لیے اپنی یک رنگی کے باعث بوجھل صورت اختیار کر گیا۔ خشک اور غیر دلچسپ تخلیقات میں عام قاری کی دلچسپی بتدریج کم ہوتی جا رہی تھی۔ سرسید احمد خان اور ان کے نامور رفقائے کار نے اس وقت ملی فلاح کے کاموں کا آغاز کیا جب استعماری قوتوں نے بر عظیم کے سماجی، معاشرتی، اقتصادی، سیاسی اور تہذیبی و ثقافتی شعبوں کو مکمل انہدام کے قریب پہنچا دیا تھا۔ ان حالات میں سر سیداحمد خان اور ان کے نامور رفقائے کار نے سائنسی انداز فکر کو اپناتے ہوئے تخلیق ادب میں مقصدیت، مادیت ، عقلیت، اجتماعیت، حقیقت نگاری اور اصلاح کو اپنا نصب العین قرار دیا۔ تخلیق ادب میں اس نوعیت کے انداز فکر کو بالعموم وقتی ضرورت کے تابع سمجھا جاتا ہے۔ اس کے بعد جلد ہی قارئین ادب ایک تبدیلی کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔ ڈاکٹر سید عبداللہ نے علی گڑھ تحریک کی مقصدیت کے رد عمل کے بارے میں لکھا ہے :
’’سر سید کی بے انتہا مقصدیت کے بعد اودھ پنچ اور اکبر الہ آبادی کا ظہور بالکل قدرتی اور نا گزیر تھا۔ یہاں تک کہ خود پیروان سر سید کے یہاں سے شرر کی تاریخی ناول نگاری اور علی گڑھ کی رومانیت بے ساختہ طور پر ابھر آئی۔ ‘‘(6)
اردو ادب میں رومانویت کا عرصہ 1900 سے 1935 تک کے عرصے پر محیط ہے۔ اگرچہ اس تحریک کا عرصہ بہت کم ہے اس کے باوجود اس نے تخلیق ادب، اجتماعی شعور و ادراک اور اسالیب شعر پر جو اثرات مرتب کیے وہ تاریخ ادب میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ اردو شاعری میں رومانی تحریک کے سلسلے میں محمد داؤد خان اختر شیرانی(4-5-1905تا 9-9-1948) کا نام بہت اہم ہے۔ اردو کے رومانوی شعرا کے تخیل کی جولانیوں کے چند نمونے ملاحظہ ہوں ۔

اختر شیرانی

محمد داؤد خان اختر شیرانی رومانوی تحریک کے بنیاد گزاروں میں شامل ہیں۔ وہ مولانا تاجور نجیب آبادی کے شاگرد تھے اور انھیں اردو کے شاعر رومان کی حیثیت سے بہت مقبولیت نصیب ہوئی۔ ان کی مشہور رومانی نظمیں ’’اے عشق کہیں لے چل ‘‘ ، ’’آج کی رات ‘‘’’او دیس سے آنے والے بتا ‘‘ ، ’’ اے عشق ہمیں برباد نہ کر ‘‘ان کے کمال فن کی دلیل ہیں۔ اختر شیرانی کی شاعری میں بیزار کن ماحول سے نجات کی تمنا، اخوت، امن و آشتی اور سکون قلب کی آرزو اور حسن فطرت کی جستجو کے مضامین کی فراوانی ہے۔ اختر شیرانی نے اپنے اشہب قلم کی جولانیاں اس انداز سے دکھائی ہیں کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنی ایک الگ دنیا آباد کرنے کے آرزومند تو ہیں لیکن اس کے لیے وہ سخت کوشی کے بجائے محض تخیل کی شادابی پر انحصار کرتے ہیں۔ وہ نظام کہنہ کو سخت نا پسند کرتے ہیں اور ان کی یہ دلی خواہش ہے کہ مسموم ماحول سے گلو خلاصی کی کوئی صورت پیدا ہو۔ ان کے اسلوب میں حالات کی تبدیلی کی تمنا تو موجود ہے مگر آلام روزگار کے مہیب طوفان میں وہ اپنی خیالی دنیا کی جستجو کرتے کرتے سرابوں میں بھٹک جاتے ہیں۔ ان کی زندگی بہاروں کی جستجو میں کٹ گئی اس کے بعد وہ یہ تمنا کرتے ہیں کہ ممکن ہے انھیں اس زندگی کے بعد سکون نصیب ہو جائے۔ اختر اورینوی نے اختر شیرانی کے اسلوب کے بارے میں لکھا ہے :
’’اختر اس دنیا سے ہجرت کر کے ایک دوسری دنیا میں ، پھلوں سے بسی ہوئی دنیا میں ، حسن و رعنائی کی دنیا میں ، شراب و شباب کی دنیا میں چلا جانا چاہتا ہے تا کہ اس کی روح کو سکون نصیب ہو۔ ‘‘(7)
اختر شیرانی نے اپنی رومانی سوچ کو بروئے کار لاتے ہوئے جس مہتاب نما، خواب نما، دلکش و حسین، مثالی اور خیالی دنیا کے خواب دیکھ کر اپنی زندگی کو پر سکون رکھنے کی سعی کی اس کے پس پردہ ان کی زندگی کے جان لیوا صدمات کی تکلیف دہ کیفیات کے اثرات کے پرتو صاف دکھائی دیتے ہیں۔ محبت میں ناکامی، نو جوان بیٹے (جاوید محمود )کی اچانک وفات، ایک معتمد ساتھی مرزا شجاع کی خود کشی اور کئی عزیزوں کی دائمی مفارقت کے بعد ان کی زندگی کا سفر تو جیسے تیسے کٹ گیا لیکن ان کا پورا وجود کر چیوں میں بٹ گیا۔ وہ اپنے آنسو حسن و رومان کے خوش رنگ دامنوں میں چھپا کر رومانوی شاعری کے ذریعے تزکیہ نفس کی صورت تلاش کرتے ہیں۔ ان کے اسلوب میں حسن و کیف کی بہار آفرینی، بے لوث محبت، ایثار اور اخوت کی فراوانی، انسانی ہمدردی اور خلوص کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے۔ اختر شیرانی کی شاعری میں والہانہ محبت اور قلبی وابستگی کی وہی کیفیت جلوہ گر ہے جو کیٹس کی شاعری کا اہم وصف ہے۔ قلبی احساسات اور بے ساختہ جذبات کا ایک سیل رواں ہے جو وقتی مسائل اور عارضی دشواریوں کو ریگ ساحل پر لکھی وقت کی تحریروں کے مانند بہا لے جاتا ہے۔

ہم میں کچھ جرات گویائی بھی ہو گی کہ نہیں
ہمت ناسیہ فرسائی بھی ہو گی کہ نہیں
شرم سے دور شکیبائی بھی ہو گی کہ نہیں
یوسف دل سے ’’زلیخائی ‘‘بھی ہو گی کہ نہیں
آج کی رات! اف میرے خدا آج کی رات
آج کی رات !اف میرے خدا آج کی رات
آج کی رات !اف میرے خدا آج کی رات

اختر شیرانی کی رومانوی شاعری میں تخیل کی جولانیاں ، لفظی مرقع نگاری، سراپا نگاری اور پیکر تراشی کا جو مسحور کن سماں ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اختر شیرانی کی رومان پسندی فکر و خیال کی ایسی شمعیں فروزاں کرتی ہے جو سفاک ظلمتوں میں دلوں کو ایک ولولہ تازہ عطا کرتی ہے۔ مہیب سناٹوں میں اختر شیرانی کی آواز بانگ درا ثابت ہوتی ہے۔ زبان و بیان پر خلاقانہ دسترس اور منفرد اسلوب کے اعجاز سے وہ قاری کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔ یہاں تک کہ غیر مرئی اشیا کے بارے میں بھی ان کی لفظی مرقع نگاری قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔ اختر شیرانی کی شاعری میں رومانویت کی دلکش، پر کیف اور مسحور کن کیفیت قاری کے جذب دروں اور فکر واحساس پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ انسانی زندگی کے جملہ نشیب و فراز اس شاعری کا موضوع بن گئے ہیں۔ حسن و رومان کی یہ دل آویز مر قع نگاری زندگی کے حقیقی حسن، رعنائی اور معنویت کو پوری شدت اور دل کشی کے ساتھ پیش کرتی ہے۔ اس کے مطالعہ سے قاری چشم تصور سے حسن و رومان کی جولاں گاہ میں عشاق کو مستانہ وار سر گرم عمل دیکھ سکتے ہیں۔ اختر شیرنی کی شاعری میں ترنم اور موسیقیت کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ اختر شیرانی نے فرانس کے ممتاز رومانی ادیبوں کی تخلیقات کا انگریزی تراجم کے وسیلے سے مطالعہ کیا تھا جن کے اثرات ان کی شاعری میں نمایاں ہیں۔ اختر شیرانی کی شاعری ان کے تزکیہ نفس کی ایک صورت اختیار کر لیتی ہے۔ ان کے اہم شعری مجموعے درج ذیل ہیں :
صبح بہار، اخترستان، طیور آوارہ، نغمہ حرم، شہرود، شہناز، لالہ طور
اختر شیرانی نے اپنے ا سلوب میں حسن و رومان اور بے کراں محبت کو اہم مقام عطا کیا ہے۔ مقصدیت کی سنجیدگی سے انھیں کوئی غرض نہیں۔ ان کے اسلوب میں عشق کو محوری حیثیت حاصل ہے۔ اپنے مؤثر محاکاتی اسلوب اور دلکش تخلیقی فعالیت کو ر و بہ عمل لا کر وہ عشق و محبت کے جذبات کو لطیف انداز میں پیش کرتے ہیں:

عشق و آزادی بہار زیست کا سامان ہے
عشق میری جان آزادی مر ا ایمان ہے
عشق پر کر دوں فدا میں اپنی ساری زندگی
لیکن آزادی پہ میرا عشق بھی قربان ہے

اردو ادب میں بر ملا اپنی محبوبہ کا نام لے کر اس سے پیمان وفا باندھنے کے سلسلے میں اختر شیرانی کو اولیت حاصل ہے۔ وہ ریحانہ، پروین، شمسہ، عذرا اور سلمیٰ کا نام لے کر ان سے وابستہ یادوں کو اپنی شاعری کا موضوع بناتے ہیں۔ وہ جس عورت کا بھی مرقع پیش کرتے ہیں اس کی جادوئی کیفیت دلوں کو مسخر کر لیتی ہے۔ حسیناؤں کے شباب اور محبت کے جذبات کی لفظی مرقع نگاری کر نا اختر شیرانی کے رومانوی مزاج کا ا امتیازی وصف سمجھا جاتا ہے۔ ان کی محبوب حسینائیں جو مثالی اور خیالی ہیں ان کے حسن کی دل کشی کا احوال بیان کرتے وقت اختر شیرانی قاری کو جذب و مستی کی دنیا میں پہنچا دیتے ہیں۔ ان تمام مہ جبینوں کا حسن اپنی پوری جلوہ سامانیوں ، پر بہار اثر آفرینیوں اور دلدوزمسکراہٹوں کے ساتھ نہاں خانہ دل پر دستک دیتا ہے۔ اختر شیرانی نے اپنے اسلوب کے بارے میں لکھا ہے :

کبھی سلمیٰ کے رومان حسیں کے تذکرے کیجے
کبھی عذرا کے افسانے کو عشق رائیگاں لکھیے
کبھی پرویں کی مرگ عاشقی پر فاتحہ پڑھیے
کبھی شمسہ کے زہر آلود ہونٹوں کا بیاں لکھیے

اختر شیرانی کی شاعری میں عور ت کو ایک نفسیاتی کل کے روپ میں دیکھنا چاہیے۔ اپنے رومانوی مزاج اور عشق کے رجحانات کے تحت عورت کی محبت کو اپنے لا شعور ی رجحانات کی تسکین کی صورت میں سامنے لاتے ہیں ، وہ عورت کے ذکر سے لاشعوری رجحانات کی تسکین کے متمنی ہیں۔ وہ حقیقت پسندی کی انتہائی کٹھن منازل سے دامن بچاتے ہوئے وادیِ خیال کو مستانہ وار طے کرتے ہوئے نشاط و کیف کی جستجو میں رہتے ہیں۔ اس جستجو میں حسین عورت کا ساتھ ان کے لیے ہمیشہ زاد سفر ثابت ہوتا ہے۔ ان حسین و جمیل عورتوں کا ذکر کر کے وہ اپنے رومانوی جذبات کی تسکین کا کوئی نہ کوئی پہلو تلاش کر ہی لیتے ہیں۔ ان کی محبوبہ سلمیٰ ان کے لیے ہمیشہ مرکز نگا ہ رہی۔ ان کے خیال میں صرف سلمیٰ ہی ان کے لیے طلوع صبح بہاراں کی نوید لا سکتی ہے۔ سرور و کیف کی اس جستجو میں وہ سلمیٰ کو اپنے خیالوں میں بسا لیتے ہیں۔ زندگی کے کٹھن حالات میں بھی وہ سلمیٰ کی آمد کا شدت سے انتظار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ رومانویت کا یہ انداز کیٹس کی یاد تازہ کر دیتا ہے۔

گنوا نہ سوگ میں اپنے شباب کی راتیں
نہ ہاتھ آئیں گی پھر ماہتاب کی راتیں
نہ نکہتوں کا ہجوم اور یہ خواب کی راتیں
فضا پہ خواب کے مانند چھا بھی جا سلمیٰ
بہار بیتنے والی ہے آ بھی جا سلمیٰ

اختر شیرنی کی شاعری میں عورت کو حسن و رومان کی علامت کی حیثیت سے دیکھنا چاہیے۔ مثال کے طور پر جب وہ سلمیٰ کی لفظی مرقع نگاری کرتے ہیں تو قاری کو اقلیم محبت میں ان کی دسترس کا سب احوال معلوم ہو جاتا ہے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ سلمیٰ کو اختر شیرانی نے ٹوٹ کر چاہا۔ سلمیٰ کی ناکام محبت نے اس حساس شاعر کو مکمل طور پر منہدم کر دیا اور اس نے الکحل کا سہارا لے کر زندگی کے دن پورے کرنے کا فیصلہ کیا۔ اپنی زندگی کے آخری ایام میں اختر شیرانی ہجر میں گھل گھل کے ڈھانچہ بن گئے۔ سلمیٰ کی یادیں تمام عمر ان کے لیے سوہان روح بنی رہیں لیکن اس کے با وجود جب بھی اس کی یادوں کے زخموں کے اندمال کی کوئی صور ت پیدا ہوتی وہ پنی شاعری کے ذریعے اسے یاد کر کے پھرسے ا س کے حسن و رومان کی دنیا میں کھو جاتے۔

بہار و کیف کی بدلی اتر آئے گی وادی میں
سرور و نور کا کوثر چھڑک جائے گی وادی میں
شباب و حسن کی بجلی سی لہرائے گی وادی میں
سنا ہے میری سلمیٰ رات کو آئے گی وادی میں
ابھی سے جاؤں اور وادی کے نظاروں سے کہہ آؤں
بچھا دیں فرش گل وادی میں گلزاروں سے کہہ آؤں
چھڑک دیں مستیاں پھولوں کی مہکاروں سے کہہ آؤں
کہ سلمیٰ میری سلمیٰ نور برسائے گی وادی میں
سنا ہے میری سلمیٰ رات کو آئے گی وادی میں

زمیں پر بھیج دے آج اے بہشت اپنی بہاروں کو
بچھا دے خاک پر اے آسماں اپنے ستاروں کو
خرام و رقص کا دے حکم فطرت ابر پاروں کو
وہ بے خود چاند کی نظروں سے گھبرائے گی وادی میں
سنا ہے میری سلمیٰ رات کو آئے گی وادی میں

اردو شاعری میں رومانوی انداز فکر کی نمو میں اختر شیرانی، جوش ملیح آبادی اور حفیظ جالندھری کو بنیاد گزار کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ان کے جن معاصرین ممتاز شعرا نے اپنے اسلوب میں رومانویت کو جگہ دی ان میں روش صدیقی، ساغر نظامی، اختر انصاری، احسان دانش اور حامد اللہ افسر کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان کے اسلوب میں مقامی تہذیب و ثقافت، رسوم و رواج، لوک گیتوں اور لوک داستانوں کی مجموعی کیفیات کو پیرایہ اظہار عطا کیا گیا ہے۔ بادی النظر میں یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ رومانوی شعرا نے تخلیق فن کے لمحوں میں محض فہم و ادراک اور عقل و خرد کی بالادستی اور ذہن و ذکاوت کی مطلق کارفرمائی پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے حسن و عشق اور رومان و پیمان وفا کی فرمانروائی کو اولیت دی۔ ان کا اصرار تھا کہ تخیل، جذبات اور احساسات کو زندگی کے جملہ امور میں اولیت حاصل ہے۔ رومانوی تخلیق کار اسباب و علل اور کسی قسم کی فارمولہ سازی پر یقین نہیں رکھتے بل کہ حسن و عشق کے لا زوال سر چشمے ان کی فکری آبیاری کرتے ہیں۔ ان کے رومانی مزاج کی تشکیل میں محبت کو محوری حیثیت حاصل ہے۔

شبیر حسن خان جوش ملیح آبادی

جوش بنیادی طور پر ایک پر دردمند رومانی شاعر تھے۔ جذبوں کی شدت اور صداقت، لہجے کی قوت اور تاثیر، حسن و رومان کی فراوانی، انقلاب اور شباب کا پر زور احوال ان کی شاعری کے امتیازی اوصاف سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے اسلوب میں ندرت، شگفتگی، منظر نگاری اور محبت کے جذبات کی فراوانی قاری کو مسحور کر دیتی ہے۔ زبان و بیان پر ان کی خلاقانہ دسترس کا ایک عالم معترف ہے۔ ان کی شاعری میں صنائع بدائع کا حسن دھنک رنگ منظر نامہ پیش کرتا ہے۔ حالات و واقعات کا لفظوں میں نقشہ کھینچ کر رکھ دینا ان کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔ اپنی رومانی شاعر ی سے انھوں نے اردو ادب کی ثروت میں جو اضافہ کیا وہ تاریخ ادب کا ایک اہم باب ہے۔ ان کی نظمیں رومانوی انداز فکر کے تمام پہلو اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر ’ ’تصویر جمال ‘‘، ’’کو ہستان دکن کی ایک عورت ‘‘، فتنہ خانقاہ ‘‘اور ’’نقش و نگار ‘‘سدا بہار نظمیں ہیں۔ ان کی شاعری میں جوانی کی امنگیں ، جذبات و احساسات کی ترنگیں ، حسن و رومان کی روانی اور پیمان وفا کی تمہید طولانی قاری کے لیے امید فردا کی ایک صور ت بن جاتی ہے۔ جوش کی شاعری کا کنول اور رومانی تخیل ابتلا و آزمائش کی مسموم فضا میں بھی ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔

فکر ہی ٹھہر ی تو دل کو فکر خوباں ہی کیوں نہ ہو ؟
خاک ہونا ہے تو خاک کوئے جاناں کیوں نہ ہو ؟
زیست ہے جب مستقل آوارہ گردی ہی کا نام
عقل والو پھر طواف کوئے جاناں کیوں نہ ہو؟
اک نہ اک ظلمت سے جب وابستہ رہنا ہو تو جوش
زندگی بھر سایہ زلف پریشاں کیوں نہ ہو؟

مست صہبائے ترنم ہوں خدا خیر کرے
آج پھر محو تبسم ہوں خدا خیر کرے
کہیں تا حشر نہ چھائے خموشی دل پر
ان سے پھر گرم تکلم ہوں خدا خیر کرے
اب آفتاب عمر کو دے رخصت جواب
تجھ کو طلوع صبح بہاراں کا واسطہ

جوش ملیح آبادی کی شاعری جو مجموعے شائع ہو چکے ہیں ان میں نقش و نگار، سرو د و خروش، شعلہ و شبنم، فکر و نشاط، حرف و حکایت، جنون و حکمت، سیف و سبو، آیات و نغمات، جوش و خروش، اور روح ادب شامل ہیں۔ ان کی سوانح عمری ’’یادوں کی برات ‘‘ان کے اسلوب کی مظہر ہے۔ جوش کی نظم ’’تصویر جمال ‘‘سے ایک اقتباس پیش ہے۔ اس نظم میں جوش نے لفظی مرقع نگاری سے جو سماں باندھا ہے وہ حد درجہ مسحور کن ہے۔ جوش کی رومانی شاعری کی یہ ایک عمدہ مثال ہے :

لہراتی تھیں زلفیں کھل کھل کر اس شان سے رنگیں شانوں پر
جس طرح گھٹائیں ساون کی جھک پڑتی ہیں مے خانوں پر
ہونٹوں پر دھیمے نغمے تھے یا محو تھیں حوریں قرأت میں
مکھڑے پر لٹوں کا پرتو تھا یا آب حیواں ظلمت میں
چلتی تو قدم یوں رکھتی تھی دن جیسے کسی کے پھرتے ہیں
یا ناز سے بھیگی راتوں میں شبنم کے قطرے گرتے ہیں

جوش کی رومانی شاعری میں تخیل کی جولانی، جوانی کی مستانہ وار ادائیں ، جذبہ عشق کی ہمہ گیری کے ساتھ ساتھ طنز کا ایک انوکھا رنگ بھی مو جود ہے۔ ان کی نظم ’’فتنہ خانقاہ ‘‘اس کی عمدہ مثال ہے۔ اس نظم میں جوش نے کئی بگلا بھگت جعل سازوں کے مکر کا پردہ فاش کیا ہے۔ ایک حسینہ کے حسن کے سامنے بڑے بڑے ضبط کرنے والے بھی بے بس دکھائی دیتے ہیں۔ انھوں نے پوری جرأت کے ساتھ اس واقعہ کو اشعار کے قالب میں ڈھالا ہے۔ جوش کی رومانوی شاعری میں حسن و محبت کی تصویر کشی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ اس نظم میں جوش نے اس حسینہ کا احول بیان کیا ہے جو کسی خانقاہ پر فاتحہ کی غرض سے پہنچی مگر وہاں موجود لوگوں نے اسے میلی نگاہ سے دیکھا۔ دیکھنے والوں کی حریصانہ نگاہوں اور مریضانہ ذہنیت کا جو احوال جوش نے بیان کیا ہے وہ لمحہ فکریہ ہے :
ایک دن جو بہر فاتحہ ایک بنت مہر و ماہ
پہو نچی نظر جھکائے ہوئے سوئے خانقاہ
زہاد نے اٹھائی جھجکتے ہوئے نگاہ
ہونٹوں پہ دب کے ٹوٹ گئی ضرب لا الہ
برپا ضمیر زہد میں کہرام ہو گیا
ایماں دلوں میں لرزہ بر اندام ہو گیا
اس آفت زمانہ کی سرشاریاں نہ پوچھ
نکھرے ہوئے شباب کی بیداریاں نہ پوچھ
رخ پر ہوائے شام کی گل کاریاں نہ پوچھ
کاکل کی ہر قدم پہ فسوں کاریاں نہ پوچھ
عالم تھا وہ خرام میں اس گل عذار کا
گویا نزول رحمت پروردگار کا

ساغر نظامی

ساغر نظامی کی رومانوی شاعری کا مجموعہ ’’رنگ محل ‘‘جس میں 1936سے لے کر 1942تک کی رومانی شاعر ی شامل ہے، اسے جون 1943 میں ادارہ اشاعت اردو، حیدر آباد دکن نے شائع کیا۔ اس شعری مجموعے میں انھوں نے اپنے رومانی مسلک کا بر ملا اظہار کیا ہے .۔ ان کے اسلوب میں درد انگیز نالے بھی دلفریب نغموں کا روپ دھار لیتے ہیں۔ عشق و محبت اور حسن و رومان کے نغموں کو ایک دلنشیں آہنگ، مسحور کن کانوں میں رس گھولنے والی لے اور حسین ترتیب کو دل کو چھو لینے والی کیفیت سے پیش کر کے سے پیش کر کے ساغر نظامی نے اپنے رومانی اسلوب کی انفرادیت کو تسلیم کرایا ہے۔ کہیں کہیں یہ گمان گزرتا ہے کہ ساغر نظامی کی انا نے ان کے تخلیقی عمل کو متاثر کیا ہے اس کی وجہ سے ان کے قلبی جذبات اس متوقع شدت اور بھر پور قوت کے ساتھ اسلوب میں جلوہ گر نہیں ہو سکے۔

ہواؤں کا ترنم بحر و بر کا شور سب کیا ہے
مر اک نغمہ ہے جو سو ادا سے کارفرما ہے

اپنی نظم ’’اوشا ‘‘میں ساغر نظامی نے ایک حسینہ سے مخاطب ہو کر محبت کے بے ساختہ جذبات کا اظہار کیا ہے۔ اس نظم میں رومانی مزاج کی تمازت کو محسوس کیا جا سکتا ہے :

اوشا
تجھے معلوم ہے میں کس لیے مصروف ہوں اوشا
مجھے دن رات مصروف عمل پاتی ہو اے اوشا
تو تم یہ دیکھ کر سکتہ میں رہ جاتی ہو اے اوشا
کہ شاید میں تمھیں اس غم میں دل ہی سے بھلا بیٹھا
کسی کے مست و رنگیں گیسوؤں میں دل پھنسا بیٹھا
مگر یہ جہد مضراب رباب کامیابی ہے
عمل دیباچہ باب کتاب کامیابی ہے

ساغر نظامی کی شاعری میں عورت کے بارے میں جن خیالات کا اظہار کیا گیا ہے وہ رومانوی مزاج کی عمدہ مثال ہے۔ ساغر نظامی کا خیال ہے کہ عورت کو خالق کائنات نے حسن کے ایک شاہ کار کی حیثیت سے تخلیق کیا۔ حسن و عشق کے مضامین ساغر کی رومانوی شاعری میں کثرت سے مو جود ہیں۔ ایک طرف تو وہ قوم پرستی اور انسان دوستی پر توجہ دیتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہ رومانویت اور عورت کے حسن کے دلکش موضوع پر پوری قوت اور جرأت سے لکھتے ہیں۔ ان کی رومانوی شاعری کا یہ پہلو بلا شبہ قابل توجہ ہے :

عورت اک پھول ہے جہاں میں
خوشبو میں گلاب سے بھی بڑھ کر
مستی میں شراب سے بھی بڑھ کر
اس کی آنکھیں حیا کی کشتی
نظریں اس کی وفا کا مندر
اس کی ہنسی خدا کی ہنسی
اس کے ہو نٹوں پہ کھیلتا ہے
ہلکا ہلکا سا اک تبسم
کچی کلیوں کا بند بربط
آواز شگفت کا ترنم
نکہت میں نسیم سے بھی نازک
معصوم شمیم سے بھی نازک
عورت اک پھول ہے جہاں میں
خوشبو ہے اس کی جسم و جاں میں

ساغر نظامی کی شاعری میں نر گسیت اور فن کا کی انا کا پہلو بھی موجود ہے۔ خود پسندی پر مبنی اس انداز فکر نے ساغر نظامی کی رومانی شاعری کو اس وسعت نظر اور محبت کی اس لا محدود مستی اور کیف سے آشنا نہیں ہونے دیا جو تخلیق ادب اور بالخصوص رومانی شاعری کا اہم ترین وصف سمجھا جاتا ہے۔

ابو الاثر حفیظ جالندھری (14-01-1900تا21-12-1982)

حفیظ جالندھری کی شاعری میں رومانویت اور ملی تشخص کے موضوعات باہم شیر و شکر ہو گئے ہیں۔ ان کے اسلوب میں مشرق و مغرب کا حسین امتزاج ملتا ہے۔ جہاں وہ مغرب کی رومانی شاعری سے اثر قبول کرتے ہیں وہاں ٹیگور کی سادگی بھی ان کے اسلوب میں ایک شان کے ساتھ جلوہ آرا ہے۔ حفیظ جالندھری کی تصانیف میں نغمہ زار، سوز و ساز، تلخابہ شیریں ، شاہنامہ اسلام، اور بچوں کی نظمیں شامل ہیں۔ اپنی شاعری میں انھوں نے حسن و رومان، جذبات نگاری، فطرت نگاری اور لفظی مرقع نگاری پر بھرپور توجہ دی ہے۔ حفیظ جالندھری کے قصر شاعری کی اساس عہد شباب کی بے فکری، خود نظری، لطیف جذبات، نازک خیالی، مسرت اور کرب کے احساسات، قہقہے اور سسکیاں جستجو اور حسرتیں ، فاقہ کشی اور تونگری، استغنا اور طلب، غرض متنوع مضامین ہیں جو قوس قزح کے رنگوں کی طرح قاری کو متوجہ کرتے ہیں۔ ان کے رومانی مزاج سے اردو شاعری کو موضوعاتی تنوع نصیب ہوا۔

اے اہل قلم رنگ جہاں دیکھ رہے ہو
یہ خون کا سیلاب رواں دیکھ رہے ہو
ہے خاک وطن شعلہ فشاں دیکھ رہے ہو
افلاک پہ آہوں کا دھواں دیکھ رہے ہو
یہ زہر سیاست ہے کہ ہے قہر الٰہی
اے اہل قلم دیکھ رہے ہو یہ تباہی

حفیظ جالندھری پاکستان کے قومی ترانے کا خالق ہیں۔ ان کی علمی، ادبی، قومی اور ملی خدمات پر انھیں حکومت پاکستان نے ہلال پاکستان اور صدارتی تمغہ حسن کار کردگی سے نوازا۔ یہ عظیم شاعر مینار پاکستان، لاہور کے سامنے میدان میں آسودہ خاک ہے۔ حفیظ جالندھری کی رومانی شاعری میں ان کے تجربات اور احسات کا منفرد انداز قابل توجہ ہے :
کیسے بند ہوا مے خانہ۔ اب معلوم ہوا
پی نہ سکا کم ظرف زمانہ۔ اب معلوم ہوا
پیٹ پجاری ناچ رہے ہیں اپنی قبروں پر
ایک نیا رقص مستانہ۔ اب معلوم ہوا
جرم وفا میں گھر تو گیا تھا سر بھی جائے گا
یہ بھی مجھ پر ہے جرمانہ۔ اب معلوم ہوا

احسان دانش

احسان دانش کا نام احسان الحق تھا ان کا عرصہ حیات 1914تا 21مارچ 1982ہے۔
احسان دانش کی رومانی نظمیں اپنے عہد میں بے حد مقبول ہوئیں انھوں نے زندگی کے تلخ حقائق کو جذبوں کی صداقت سے مزین کر کے اشعار کے قالب میں ڈھالا۔ ان کے شعری مجموعوں میں حدیث ادب، نوائے کار گر، نفیر فطرت، درد زندگی، چراغاں ، زخم و مرہم، آتش خاموش، ، جادہ نو، شیرازہ، مقامات، گورستاں بہت اہم ہیں۔ معاشرے کے پسے ہوئے مفلوک الحال طبقے سے انھیں بہت ہمدردی ہے۔ افلاس کی پر درد کراہیں سن کر وہ تڑپ اٹھتے ہیں۔ ان کی رومانی شاعری میں غربت و افلاس، بے روزگاری، جبر، ناداری کے عذاب اور محنت کشوں کے مسائل کو اہم موضوع کی حیثیت حاصل ہے۔ انھوں نے معاشرے کے تباہ حال پس ماندہ طبقے کے مصائب و آلام، معاشی اور اقتصادی زبوں حالی کے بارے میں نہایت خلوص اور دردمندی سے اظہار خیال کیا ہے۔

کبھی مجھ کو ساتھ لے کر کبھی میرے ساتھ چل کر
وہ بدل گئے اچانک میری زندگی بدل کر

جو تیرے آستاں سے لوٹ آئے جنت دو جہاں سے لوٹ آئے

ما ہ و انجم کے ساتھ تھے ہم بھی ہم مگر درمیاں سے لوٹ آئے

یوں نہ مل مجھ سے خفا ہو جیسے ساتھ چل موج صبا ہو جیسے

لوگ یوں دیکھ کے ہنس دیتے ہیں تو مجھے بھول گیا ہو جیسے

رعنائیِ کونین سے بیزار ہمیں تھے ہم تھے ترے جلووں کے طلب گار ہمیں تھے

ہے فرق طلب گار و پرستار میں اے دوست دنیا تھی طلب گار پرستار ہمیں تھے

احسان ہے بے سود گلہ ان کی جفا کا
چاہا تھا انھیں ہم نے خطا وار ہمیں تھے

احسان دانش نے ایک مزدور کی حیثیت سے رزق حلال کمایا اس لیے احسان دانش کو شاعر مزدور کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ احسان دانش کی رومانیت میں ان کے ذاتی تجربات، مشاہدات قلبی جذبات واحساسات اور خلوص و دردمندی کی مظہر ہے۔ اگرچہ احسان دانش نے مغرب کے رومانی شعرا کی تخلیقات سے براہ راست استفادہ نہیں کیا تھا لیکن کئی تراجم ان کی نظروں سے گزرے تھے۔ ان کی مشہور نظموں ’’شام اودھ ‘‘اور ’’بیتے ہوئے دن ‘‘میں ان کی رومانیت اپنی پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔ استحصالی معاشرے میں فرد کو جن مسائل اور مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان کے بارے میں احسان دانش کی شاعری میں پوری قوت اور جرأت سے رومانوی انداز میں صدائے احتجاج بلند کی گئی ہے۔ انھوں نے زبان و بیان پر اپنی کامل دسترس کا ثبوت دیتے ہوئے تشبیہہ اور استعارے کے بر محل استعمال سے اپنی شاعری کو حسین و دلکش بنا دیا ہے۔ ان کی منظر نگاری سے قاری کو ایک نئے جہان کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ احسان دانش نے زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگر کرنے کی مقدور بھر سعی کی ہے۔ وہ مو ت کو زندگی کی سب سے بڑی حقیقت تسلیم کرتے ہیں۔ وہ خود احساس کی قندیل پر سلگ کر روشنی کا سفر جاری رکھنے پر اصرار کرتے ہیں۔ ان کی نظم ’’گورستان‘‘ان کی خطابت اور رومانیت کی عمدہ مثال ہے۔

یہ کھلا عقدہ جہاں ہنگامہ زار مرگ ہے
عرش سے تا فرش بحر بے کنار مرگ ہے
شمع محفل کے لیے ہے موت دامان نسیم
روح گل کو موت کا پیغام پرواز شمیم
بے قراری چھین لی جائے تو ہے پیارے کی موت
چھوڑ کر گردش کو رک جائے تو سیارے کی موت
ذرے ذرے میں نمایاں موت کی تصویر ہے
لیکن اس تصویر میں گنجائش تقریر ہے
موت ہی جب تیرگی ہے موت ہی تابندگی
زندگی ہے نام کس شے کا کہاں ہے زندگی

علامہ اقبال

علامہ اقبال کی شاعری میں بھی رومانیت کے اثرات مو جود ہیں لیکن ا ن کی تاریخی، قومی، ملی اور بین الاقوامی شاعری کے بلند آہنگ میں ان کی رومانویت پر کم توجہ دی گئی ہے۔ زندگی اور موت کے موضوع پر علامہ اقبال کے خیالات قابل توجہ ہیں :
سلسلہ روز و شب نقش گر حادثات
سلسلہ روز و شب اصل حیات و ممات
سلسلہ روز و شب تار حریر دو رنگ
جس سے بناتی ہے ذات اپنی قبائے صفات
علامہ اقبال کی شاعری کو کسی ایک انداز فکر تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے اپنے متنوع خیالات سے اردو شاعری کی ثروت میں جو اضافہ کیا وہ تاریخ ادب میں آب زر سے لکھا جائے گا۔ ان کی شاعری میں توحید، رسالت، مذہب، ملت، سرمایہ، محنت، معاشرتی زندگی، شہر آشوب، قصائد، مرثیے اور حالات کی لفظی مرقع نگاری اس مہارت سے کی گئی ہے کہ یہ شاعری ہر عہد میں دلوں کو ایک ولولہ تازہ عطا کر کے فکر و نظر کو مہمیز کرتی رہے گی۔ بے یقینی کے مسموم ماحول میں یہ شاعری حوصلے، امید اور یقین کی نقیب ثابت ہو گی۔

روش صدیقی

روش صدیقی کے اسلوب میں حسن و عشق کے بارے میں جو خیالات موجود ہیں وہ رومانیت کے مطہر ہیں۔ اپنی شاعری میں روش صدیقی نے حسن کو دائمی مسرتوں ، پیہم راحتوں ، ابدی خوشیوں اور غیر مختتم کامرانیوں کا وسیلہ قرار دیا ہے۔ روش صدیقی کی شاعری میں محبوب سے قلبی لگاؤ اور والہانہ محبت کو عمدہ پیرائے میں بیان کیا گیا ہے :

مری سرو ناز ابھی نہ جا
مری دل نواز ابھی نہ جا
ابھی ماہتاب ہے چرخ پر تجھے ماہتاب نہ دیکھ لے
ہے یہ سوچ لیلیِ شب تجھے کہیں بے نقاب نہ دیکھ لے
پس پردہ کوئی چھپا ہوا تجھے بے حجاب نہ دیکھ لے
کہیں قدسیوں میں نہ گل کھلیں
کہیں کہکشاں کے نہ پر لگیں
ترے نقش پا کی تلاش میں
کہیں کھل نہ جائے نجوم پر یہ حسین راز ابھی نہ جا
مری سرو ناز ابھی نہ جا

اختر انصاری

اختر انصاری کی رومانی شاعری میں دل شکستگی، غم دوراں اور ہجر و فراق کے جذبات کی فراوانی ہے۔ اس عالم آب و گل میں انھیں ہر جگہ ہجوم غم دکھائی دیتا ہے۔ اس کے باوجود وہ حالات سے مایوس اور دل برداشتہ ہونے کے بجائے دل تھام کر پیار اور وفا کی باتیں کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ وہ غم سے بھی نباہ کرنے پر آمادہ ہیں۔ ان کی شاعری میں حسن و عشق اور شباب کی رنگینیوں کے دلکش تذکرے ملتے ہیں۔

جب اتنی چیزیں ملائی گئیں شباب بنا
شباب کاہے کو اک دل فریب خواب بنا
کسی کے عشق میں وہ نا مرادیوں کے مزے
وہ نو جوان طبیعت کی یاس آگینی
سکوت شب میں وہ بچھڑے ہوئے دنوں کی
یاد وہ دل کو بخشتی ہے اک لطیف غم گینی

رومانی جذباتیت اختر انصاری کی شاعری کا اہم پہلو ہے۔ وہ اپنے ماضی کی یادوں ، حال کے واقعات، مستقبل کے امکانات اور خوابوں کے بارے میں نہایت پر لطف انداز میں اظہار خیال کرتے ہیں۔ ان کے تخیل میں ایک خیالی دنیا کا تصور موجود ہے جہاں سکون قلب اور راحت کی فضامیسر ہو گی۔ ان کی رومانی شاعری میں جذباتی مدو جزر کی کیفیت سامنے آتی ہے۔ ان کے اسلوب بیان میں محبت کے بے ساختہ جذبات کا کرشمہ قاری کو حیرت زدہ کر دیتا ہے :

گرمیوں کی شب پر کیف سناٹے میں
گل فروشوں کی جب آتی ہیں حسیں آوازیں
میں کسی دوسری دنیا میں چلا جاتا ہوں
فصل گل میں جب آتی ہے گھٹا گھر گھر کر
اور جذبات ابھرتے ہیں دل کافر کے
میں کسی دوسری دنیا میں چلا جاتا ہوں

اختر انصاری اپنے رومانی تخیل کی شادابی کے اعجاز سے سکون و راحت کی تلاش میں ایک نئی خیالی اور مثالی دنیا کی جانب رخت سفر باندھ لینے کی جو بات کرتے ہیں یہی رومانیت کی پہچان ہے۔

اردو کے رومانی شاعروں نے تخلیق فن کے لمحوں میں جذبات احساسات کے فطری عمل کو کسی مصلحت، جبر یا پابندی کے تابع نہیں سمجھا۔ ان کے اسلوب سے یہ واضح ہوتا ہے کہ جس طرح فطرت لالے کی حنا بندی کے عمل میں پیہم مصروف عمل ہے اسی طرح حسن و رومان کا سیل رواں بھی پوری قوت اور شدت کے ساتھ موجزن رہتا ہے اور ہر قسم کی قدغنوں اور پا بندیوں کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جاتا ہے۔ محبت میں پیمان شکنی، بے مروتی، بے وفائی، کج ادائی اور ہجر و فراق جیسے کئی سخت مقام بھی آتے ہیں لیکن خار زار محبت کے آبلہ پا مسافر جان لیوا مسافتوں اور خار زار راہوں کے طویل فاصلوں کی پروا نہیں کرتے اور اپنی پتھرائی ہوئی آنکھوں میں انتظار کی دنیا بسائے لمبی جدائی میں بھی وصل کے خواب دیکھتے ہیں ٹامس کیمبل کا ایک مشہور مصرع ہے :
’’فاصلہ نظارے کو ایک طلسمی کیفیت بخش دیتا ہے ‘‘(8)
اردو کی رومانی شاعری میں یہی اصول کار فرما دکھائی دیتا ہے کہ خواہ ہجر ہو یا وصال ہر صورت میں مسرت و انبساط کی توقع رکھنی چاہیے۔ اردو کے رومانوی شعر ا نے حسن فطرت پر بھی کھل کر لکھا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ حسن بے پروا کو اپنی بے حجابی کے لیے بالعموم آبادیوں سے بڑھ کر ویرانے پسند ہیں۔ پہاڑوں ، صحراؤں ، ریگستانوں ، جنگلوں بیابانوں ، کھنڈرات، شہر خموشاں ، سمندروں ، دریاؤں ، وادیوں ، مرغزاروں ، چشموں اور آبشاروں کے مناظر دیکھ کر یہی محسوس ہوتا ہے کہ کوئی تو ہے جو نظام ہستی چلا رہا ہے۔ اس کی قدرت کاملہ کے یہ حسین و دلکش مناظر دیکھ کر حسن و رومان کی بالادستی کا یقین ہو جاتا ہے۔ رومانوی شعرا کے اسلوب میں جو گہرا نفسیاتی شعور مو جود ہے اس کی اہمیت مسلمہ ہے۔ ان شعرا نے حسن و رومان کے بیان سے معاشرے میں پائی جانے والی بیزاری اور جمود کا خاتمہ کیا اور صبر و استقامت ، حوصلے اور امید کی راہ دکھائی۔ نفسیاتی اعتبار سے ان کی یہ سوچ فرد کے طرز عمل پر دور رس اثرات مرتب کرتی ہے۔ ڈاکٹر سجاد باقر رضوی کا خیال ہے :
’’رومانوی ذہن کی نفسیات میں دلچسپی نے فن میں اشاریت (Suggestiveness)کی نئی صنعت دریافت کی۔ نئے نفسیاتی زاویہ نظر نے یہ ثابت کیا کہ فن کا مقصد ذہن میں
ایک خاص حرکت اور مخصوص رد عمل بیدار کرنا ہے۔ ‘‘(9)
رومانوی انداز فکر نے عقل کی بالادستی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا خیال تھا کہ حسن و رومان اور عشق و محبت ہی کے وسیلے سے منزل تک رسائی ممکن ہے۔ رومانوی انداز فکر نے فطرت کے متعلق ایک انوکھا نامیاتی تصور اپنایا۔ اس نامیاتی تصور میں یہ بات واضح کی گئی کہ عقل عیار ہے جو سو بھیس بدل کر فرد کی سوچ، بصیر ت اور قوت فیصلہ کو سرابوں کی نذر کر دیتی ہے۔ عشق جس منزل تک لے جانے پر قادر ہے وہ عقل کی دسترس سے باہر ہے۔ عقل کی بے بضاعتی اور بے توفیقی کے باعث صداقتوں کی تکذیب اورمسلمہ حقائق کی تمسیخ کی نوبت آ جاتی ہے، لب اظہار پر تالے لگ جاتے ہیں اور ان لوگوں کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے جو حق گوئی اور بے باکی کو شعار بناتے ہیں۔ رومانوی شعرا نے اپنی شاعری کے ذریعے عقل کی مطلق العنان بالادستی کے تصور کو منہدم کرنے کی کوشش کی۔ وہ کشف و ادراک کے وسیلے سے محبت کے حصول کے لیے حسن کی جستجو کو اپنا مطمح نظر سمجھتے تھے۔ رومانی انداز فکر نے اس جانب توجہ دلائی کہ عقل میں اتنی استعدا د نہیں کہ وہ فطرت کے مقاصد کی ترجمانی کا فریضہ انجام دے سکے۔ اس کے بر عکس عقل نے فطرت کے نامیاتی اصولوں کو بالعموم پیش نظر نہیں رکھا۔ رومانوی سوچ نے اس بات پر اصرار کیا کہ اسے فطرت سے والہانہ محبت ہے اور داخلی اور خارجی نوعیت کے جذبات کے اظہار کے لیے فطرت کے مظاہر سے مطابقت کو کلیدی اہمیت کا حامل سمجھنا چاہیے۔ ان کا خیال تھا کہ عقل اپنی مو شگافیوں کے باعث زندگی کے حقائق کو انتشار کی بھینٹ چڑھا دیتی ہے جب کہ رومانوی سوچ نے ان تمام حقائق، مظاہر اور صداقتوں کی شیرازہ بندی کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیح سمجھا ہے۔ رومانوی سوچ نے فرد کی فطری آزادی کو ہمیشہ مقدم سمجھا۔ جان لیوا سکوت، مہیب سناٹوں ، گمبھیر مسائل، ناگہانی صدمات اور سمے کے سم کے ثمر نے پورے ماحول کو جس اداسی، بیزاری، مایوسی اور اضطراب سے دوچار کر رکھا تھا رومانویت نے اس سے گلو خلاصی کے لیے حسن و رومان اور تخیل کی وادی میں پناہ لینے کی راہ دکھائی۔ حقیقت یہ ہے کہ اس انداز فکر نے جہد و عمل کی راہیں مسدود کر دیں اور آرام طلبی، تن آسانی، عیش کوشی اور بے عملی کا عفریت ہر طرف منڈلانے لگا۔ اگرچہ رومانوی تحریک نے اردو ادب میں تخلیقی عمل کو مہمیز کیا لیکن اس نے تخلیق ادب کے لیے کوئی قابل عمل اور ٹھوس لائحہ عمل پیش نہ کیا۔ زندگی کی بے اعتدالیوں ، تضادات، ارتعاشات اور صدمات کوخیال و خواب سمجھ کر پیہم نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ رفتہ رفتہ رومانوی تحریک اپنی دلکشی کھو بیٹھی اور تخلیق ادب کے لیے جہان تازہ تک رسائی کے لیے افکار تازہ کی جستجو کا آغاز ہو گیا۔
اردو کے رومانوی شعرا نے اپنے تخیل کی جو لانیوں کو رو بہ عمل لاتے ہوئے اپنے باطنی تجربات کو فطرت کے مظاہر سے ہم آہنگ کرنے کی مقدور بھر سعی کی۔ وہ سمجھتے تھے کہ اندر کے موسموں کا مظاہر فطرت کے ساتھ گہرا تعلق ہے اس کائنات کی ہر چیز محو سفر ہے اور اس کے اندر ایک بے چینی اور بے قراری سرایت کر گئی ہے۔ موجودہ زمانے میں رومانیت کو لائق اعتنا نہیں سمجھا جاتا۔ رومانوی تحریک نے زندگی کے تلخ حقائق کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کرنے کے بجائے محض عشق و محبت، حسن و رومان اور تخیل کا سہارالیا۔ اسے منفی انداز فکر سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ دیر تک نہ چل سکا یہاں تک کہ 1936میں ترقی پسند تحریک نے واضح کر دیا کہ زمانے میں محبت کے سوا اور بھی دکھ موجود ہیں جن پر توجہ دینا حساس تخلیق کار کی ذمہ داری ہے۔ مجبور، بے بس اور مظلوم انسانیت کی پر درد کراہیں سن کر کب تک وادیِ خیال میں مستانہ وار گھوما جا سکتا ہے۔ ترقی پسند تحریک نے پوری شدت کے ساتھ رومانوی تحریک سے اختلاف کیا اور اس کے تصورات کو عصری تقاضوں کے خلاف سمجھ کر پس پشت ڈال دیا۔ اس طرح یہ تحریک ماضی کا حصہ بن کر تاریخ کے طوماروں میں دب گئی۔
٭٭٭

مآخذ

(1)عبداللہ ڈاکٹر سید :مباحث، مجلس ترقی ادب، لاہور، طبع اول1965، صفحہ 392
(2)سجاد باقر رضوی ڈاکٹر :مغرب کے تنقیدی اصول، کتابیات، لاہور، طبع اول 1966، صفحہ318
(3)پاشا رحمان :تخلیقی ادب، عصری مطبوعات، کراچی، جلد اول، 1980 ، صفحہ 161۔
(4)پاشا رحمان : تخلیقی ادب صفحہ 166۔
(5)پاشا رحمان:تخلیقی ادب، صفحہ 165۔
(6)عبداللہ ڈاکٹر سید :اردو ادب 1857تا1966، مکتبہ خیابان ادب، لاہور، طبع اول، 1967 ، صفحہ 53۔
(7)اختر احمد ارینوی :کسوٹی، مکتبہ خیال، بانکی پور، پٹنہ، صفحہ 64۔
(8) بہ حوالہ محمد ہادی حسین :مغربی شعریات، مجلس ترقی ء ادب، لاہور، طبع اول، 1968، صفحہ 305۔
(9)سجاد باقر رضوی ڈاکٹر :مغرب کے تنقیدی اصول، صفحہ 193۔
٭٭٭

سید ضمیر جعفری :اردو شاعری میں طنز و مزاح کا سالار

Syyed Zamir Jafri was a great legend of Urdu Language and literature. His valuable services for promotion of satire and humour in Urdu language are glorious chapter of history of Urdu literature. As a trend setter poet his work for freedom of thought and expression will be remembered for ever. His poetry books are highly successful and popular in the world. His complete collection of poetry (Nishat-e-Tamasha) has been published . The success of his poetry is due to novelty of expression and explanation of the comic elements found in society .As a sincere and genius creative writer he incidentally discusses all the matters of interest and importance related to the social life. Modern Urdu poetry is proud of his work and conduct.

سید ضمیر جعفری کا اصل نام ضمیر حسین شاہ تھا۔ وہ یکم جنوری 1916کوایک معزز سادات گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کا خاندان علم و ادب کے حوالے سے پورے علاقے میں منفرد اور ممتاز حیثیت رکھتا تھا۔ اپنی جنم بھومی موضع چک عبدالخالق سے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انھوں نے گورنمنٹ ہائی سکول جہلم میں داخلہ لیا جہاں سے انھوں نے میٹرک کا امتحان اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے پاس کیا۔ ان کے اساتذہ اپنے انتہائی ذہین اور فطین شاگرد کی خداداد صلاحیتوں کے معترف تھے۔ زمانہ طالب علمی ہی میں انھوں نے تخلیق ادب کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ سکول کی بزم ادب کے فعال اور مستعد رکن تھے۔ ابتدائی عمر ہی سے ان کی شگفتہ مزاجی کی دھوم تھی۔ حاضر جوابی اور گل افشانی ء گفتار ان کے امتیازی اوصاف تھے۔ گورنمنٹ ہائی سکول جہلم سے میٹرک کا امتحان پاس کرنے کے بعد وہ گورنمنٹ کالج کیمبل پور (اٹک)میں انٹر میڈیٹ کلاس میں داخل ہوئے۔ انٹرمیڈیٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد وہ لاہور پہنچے اور اسلامیہ کالج، لاہور میں داخلہ لیا اور 1938میں انھوں نے بی۔ اے کی ڈگری حاصل کی۔ بی۔ اے تک تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ روزگار کی تلاش میں نکلے اور عملی زندگی کا آغاز دفتر میں ایک عام کلرک کی حیثیت سے کیا۔ جلد ہی وہ شعبہ صحافت سے وابستہ ہو گئے۔ انھوں نے روزنامہ ـ’’ احسان‘‘ لاہور، اور ہفت روزہ ’’شیرازہ‘‘ کی مجلس ادارت میں شامل ہو کر اہم خدمات انجام دیں۔ انھوں نے کچھ عرصہ ہفت روزہ ’’ سدا بہار‘‘ لاہور کے مدیر اعلیٰ کی حیثیت سے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ وہ آزادیِ اظہار کو کلیدی اہمیت کا حامل قرار دیتے تھے اور اسے اپنی نوعیت کے لحاظ سے انسانی آزادی کی ایک صورت سے تعبیر کرتے تھے۔ وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ حریت ضمیر سے زندہ رہنا ہے تو اسوہ شبیر پر عمل پیرا ہونا بے حد ضروری ہے۔ صحافت سے انھوں نے جو عہد وفا استوار کیا تمام عمر اسے نبھایا اور مختلف اوقات میں متعدد اخبارات اور جرائد میں کالم لکھتے رہے۔ اخبارات میں انھوں نے جو کالم تحریر کیے ان میں وہ نہایت خلوص اور دردمندی سے زندگی کی مقتضیات کو زیر بحث لاتے رہے۔
جب برصغیر نو آبادیاتی نظام کے چنگل میں پھنس چکا تھا اور برطانیہ کے زیر تسلط تھا اس عرصے میں دوسری عالمی جنگ اس خطے کے باشندوں کے لیے دوہرے عذاب کا باعث بن گئی۔ مقامی باشندوں کو برطانوی فوج میں بھرتی کر کے برطانیہ نے اپنی جنگ کی بھٹی میں جھونک دیا۔ اسی عرصے میں وہ برطانوی فوج میں بھرتی ہوئے اور ان کی تعیناتی جنوب مشرقی کمان میں بہ حیثیت کپتان ہوئی۔ وہ شعبہ تعلقات عامہ سے وابستہ تھے اور اس کمان کا ہیڈ کوارٹر سنگاپور میں تھا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران انھیں فوجی خدمات کے سلسلے میں دنیا کے متعدد ممالک کی سیاحت کا بھی موقع ملا۔ عالمی ادب، تہذیب و ثقافت، سماجی اور عمرانی مسائل کا انھوں نے عمیق مطالعہ کیا۔ جب 1947میں برطانوی اقتدار کا سورج غروب ہوا تو انھوں نے پاکستان بری فوج میں خدمات انجام دیں۔ ذاتی وجوہات کی بنا پر وہ 1949میں فوج سے الگ ہو گئے اور پھر سے صحافت سے وابستہ ہو گئے۔ اسی سال راول پنڈی سے اپنا روزنامہ اخبار ’’باد شمال، ، جاری کیا جو ایک کامیاب اخبار تھا مگر بعض ناگزیر حالات کے باعث وہ اس اخبار کی اشاعت کو جاری نہ رکھ سکے۔ 1951میں انھوں نے خار زار سیاست میں قدم رکھا اور جہلم کے ایک دیہاتی حلقہ انتخاب سے پنجاب اسمبلی کی نشست کے لیے انتخاب میں حصہ لیا لیکن لوٹے اور لٹیرے کب کسی قابل اور با صلاحیت انسان کو آگے آنے دیتے ہیں۔ نتیجہ یہ نکلا کہ وہ انتخاب میں کامیاب نہ ہو سکے۔ وہ ایک محب وطن اور بہادر سپاہی تھے انھوں نے 1952میں دوبارہ فوج میں شمولیت کا فیصلہ کیا اس کے بعد وہ ترقی کر کے میجر کے عہدے تک پہنچے اور اسی عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ وطن، اہل وطن اور انسانیت کے ساتھ ان کی والہانہ محبت اور قلبی وابستگی کا ایک عالم معترف تھا۔
حکومت پاکستان نے انھیں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ مقرر کیا۔ انھوں نے اس عہدے پر پندرہ برس تک خدمات انجام دیں۔ وہ کچھ عرصہ پاکستان نیشنل سنٹر کے ڈپٹی ڈ ائریکٹر جنرل اور پھر وزارت بحالیات افغان مہاجرین میں مشیر مقرر ہوئے۔ ان کی زندگی کا یادگار دور وہ تھا جب انھوں نے اکادمی ادبیات پاکستان، اسلام آباد میں اہم خدمات انجام دیں۔ وہ اکادمی ادبیات پاکستان کے علمی و ادبی مجلے ’’ ادبیات‘‘ کے مدیر اعلیٰ مقرر ہوئے۔ انھوں نے اس مجلے کو معیار اور وقار کی رفعت سے آشنا کیا۔ قومی، علاقائی اور عالمی ادب کی نمائندہ تحریریں ادبیات کی زینت بنتی رہیں۔ پاکستانی ادیبوں کی فلاح کے متعدد منصوبے انھوں نے تجویز کیے اور ادیبوں کو کتب اور مضامین کی رائلٹی جیسے اہم مسائل کو حل کرایا۔ سید ضمیر جعفری کی گراں قدر علمی، ادبی اور ملی خدمات کے اعتراف میں انھیں مندرجہ ذیل اعزازات سے نوازا گیا:
1۔ ہمایوں گولڈ میڈل (بہ دست سر شیخ عبدالقادر) 1936
2۔ تمغہ قائد اعظم 1967
3۔ صدارتی تمغہ برائے حسن کار کردگی 1985
سید ضمیر جعفری کی تصانیف کی تعداد پچاس کے قریب ہے۔ ان کا کلام ہر سطح پر نصاب میں شامل ہے۔ دنیا بھر کی جامعات میں ان کی شخصیت اور فن پر عالمانہ تحقیقی کام کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی ظریفانہ شاعری کی مندرجہ ذیل کتب بہت مقبول ہوئیں :
ما فی الضمیر، مسدس بد حالی، ولایتی زعفران، نشاط تماشا(کلیات)
سید ضمیر جعفری نے ہمیشہ فکر و خیال کے نئے پہلو پیش نظر رکھے نئے تجربات، متنوع موضوعات اور شگفتہ پیرایہ اظہار ان کے اسلوب کے امتیازی اوصاف ہیں۔ وہ تخلیق فن کے لمحوں میں مزاح کو ایک ایسی ذہنی کیفیت سے تعبیر کرتے تھے جو فکر و نظر کو اس انداز میں مہمیز کرے کہ قاری خندہ بے اختیار کی کیفیت سے آشنا ہو اور شگفتگی کا احساس دل و دماغ پر فرحت، مسرت اور آسودگی کے نئے در وا کر دے۔ ان کی ظریفانہ شاعری نہ صرف دلوں کو تازگی اور مسرت کے احساس سے سرشار کرتی ہے بلکہ اذہان کی تطہیر و تنویر کا بھی اہتمام کرتی ہے ان کی طنزیہ و مزاحیہ شاعری میں ایک عالمانہ شان اور احساس دل ربائی ہے جس کے معجز نما اثر سے انسانی شعور کو ترفع نصیب ہو تا ہے اور قاری اس سے گہر اثر قبول کرتا ہے۔ سید ضمیر جعفری کی شگفتہ بیانی اپنی اصلیت کے اعتبار سے جہاں ہماری معاشرتی زندگی کی ذہنی استعداد کی مقیاس ہے وہاں اس میں ہماری تہذیبی، ثقافتی، معاشرتی اور عمرانی اقدار و روایات کا احوال بھی مذکور ہے۔ انھوں نے اپنی ظریفانہ شاعری کے ذریعے اپنے عہد کے تمام ارتعاشات کو جس فنی مہارت، خلوص اور دردمندی کے ساتھ اشعار کے قالب میں ڈھالا ہے وہ ایک منفرد تجربے کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ بنی نوع انسان کے مسائل کا جائزہ انسانی ہمدردی کے جذ بہ سے سرشار ہو کر لیتے ہیں اور اس طرح زندگی کی نا ہمواریوں کے بارے میں ان کا ہمدردانہ شعور ید بیضا کا معجزہ دکھاتا ہے۔ انھوں نے اردو کی ظریفانہ شاعری کو نئے احساسات، متنوع تجربات اور نئی جہات سے مالا مال کر دیا۔ ان کی شاعری میں زندگی اور اس کے تمام نشیب و فراز کے بارے میں جو صد رنگی جلوہ گر ہے اس کی مسحور کن اثر آفرینی قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔ ان کی شاعری میں چبھن اور نشتریت کی موجودگی بھی قاری کو گوار ا ہو جاتی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے زہر خند کی یہ کیفیت ہمارے مسموم ماحول کا واحد تریاق ہے۔ ان کی ظریفانہ شاعری ادب اور کلچر کے تمام پہلو سامنے لاتی ہے۔ ان کی نظم ’’ بیماری کا نام ‘‘ قابل غور ہے :

زندگی ہے مختلف جذبوں کی ہمواری کا نام
آدمی ہے شلجم و گاجر کی ترکاری کا نام
علم الماری کا، مکتب چاردیواری کا نام
ملٹن اک لٹھا ہے، مومن خان پنساری کا نام
صاف کالر کے تلے معقول اجلی سی قمیص
ہے بہت ہی مختصر سا میری دشواری کا نام
اس نے کی پہلے پہل پیمائش صحرائے نجد
قیس ہے در اصل اک مشہور پٹواری کا نام
عشق ہرجائی بھی ہو تو درد کم ہوتا نہیں
اک ذرا تبدیل ہو جاتا ہے بیماری کا نام
کوئی نصب العین، کوئی عشق، کوئی چاندنی
زندگی ہے ورنہ اک مصروف بے کاری کا نام
مدتوں دزدیدہ، دزدیدہ نظر سے دیکھنا
عشق بھی ہے اک طرح کی چور بازاری کا نام
میں نے تو اپنے لیے آوارگی تجویز کی
تم نے کیا رکھا ہے اپنی خود گرفتاری کا نام
بات تو جب ہے بدل جائے سرشت انسان کی
ورنہ لکھنے کو تو لکھ دو اونٹ پر لاری کا نام
دل ہو یا دلیا ہو، دانائی کہ بالائی ضمیر
زندگی ہے بعض اشیا کی خریداری کا نام (۱)

سید ضمیر جعفری نے اپنی زندگی کو خوشیوں اور راحتوں سے متمتع کرنے کے لیے بڑی جد و جہد کی۔ ان کے احباب کی بڑی تعداد نامور ادیبوں پر مشتمل تھی۔ ان میں کرنل محمد خان، بریگیڈئیر صدیق سالک، محمد اسما عیل صدیقی، نذیر احمد شیخ، محمد خالد اختر، ڈاکٹر بشیر سیفی، ڈاکٹر نثار احمد قریشی، ڈاکٹر رحیم بخش شاہین، ڈاکٹر محمد ریاض، پروفیسر نظیر صدیقی، مجید لاہوری، محسن احسان، خاطر غزنوی، غفار بابر، سید جعفر طاہر اور محمود اختر سعید کے نام قابل ذکر ہیں۔ یہ احباب ان کی پہچان تھے۔ وہ انھیں دل و جان سے عزیز رکھتے تھے۔ سید ضمیر جعفری نے تمام عمر ظلم و جبر کے ہر انداز پر لعنت بھیجنا اپنا شعار بنایا۔ وہ ایسے موضوعات اور واقعات کا انتخاب کرتے ہیں جن میں زندگی کے تمام نشیب و فراز حقیقی صورت میں ظریفانہ شاعری کے قالب میں ڈھل کر ایک ہمدردانہ شعور کو اجاگر کرتے ہیں۔ اس شاعری کو پڑھ کر ہر طبقے کے لوگ اپنائیت محسوس کرتے ہیں۔ ایک زیرک تخلیق کار کی حیثیت سے انھوں نے ممولے کو شہباز سے ہم کلام ہونے کی ترغیب دی اور پست و بلند کے جملہ امتیازات کو تیشہ مزاح سے نیست و نابود کر دیا۔ ان کی ظریفانہ شاعری کا تعلق کسی مخصوص طبقے سے نہیں بلکہ اس شاعری کا موضوع اس قدر فراواں اور عام زندگی سے منسلک ہے کہ تمام انسانیت کے مسائل اس میں سمٹ آئے ہیں۔ ان کے تمام دوست اسی جد و جہد میں مصروف رہے کہ کسی طور انسانیت کے دکھوں کا مداوا ہو سکے اور مظلوم انسانیت کے زخموں کے اندمال کی کوئی صور ت نظر آئے۔ ان کے مزاح میں ہمدردی کا عنصر کائناتی عوامل کا احاطہ کرتا ہے:

پیدا کرو
شوق سے لخت جگر، نور نظر پیدا کرو
ظالمو!تھوڑی سی گندم بھی مگر پیدا کرو
ارتقا تہذیب کا یہ ہے کہ پھولوں کی بجائے
توپ کے دھڑ، بم کے سر، راکٹ کے پر پیدا کرو
شیخ، ناصح، محتسب، ملا کہو کس کی سنیں
یارو کوئی ایک مرد معتبر پیدا کرو
میری دشواری کا کوئی حل مرے چارہ گرو
جلد تر، آسان تر اور مختصر پیدا کرو
تیرے شعر تر کو یہ اولاد آدم کیا کرے
نے نوازی ہو چکی اب نیشکر پیدا کرو
کیا چھچھوندرسے نکالے ہیں یہ بچے شیخ جی
قبلہ عالم انھیں بار دگر پیدا کرو
میری درویشی کے جشن تاج پوشی کے لیے
ایک ٹوپی اور کچھ مرغی کے پر پیدا کرو
حضرت اقبال کا شاہیں تو ہم سے اڑ چکا
اب کوئی اپنا مقامی جانور پیدا کرو (2)
ایک حساس، پر خلوص اور دردمند تخلیق کار کی حیثیت سے سید ضمیر جعفری نے زندگی کو بہت قریب سے دیکھا۔ انھوں نے تخلیقی اظہار کے جملہ ممکنہ امکانات کو بروئے کار لانے کی مقدور بھر سعی کی۔ وہ بہ یک وقت سپاہی، صحافی، شاعر، مزاح نگار، میزبان، براڈکاسٹر اور نقاد تھے۔ پاکستان ٹیلی ویژن پر انھوں نے جو پروگرام’’ آپ کا ضمیر ‘‘ کے نام سے پیش کیا وہ بے حد مقبول ہوا۔ اردو مزاح میں وہ سید احمد شاہ بخا ر ی پطرس کے اسلوب کو بہت اہم قرار دیتے تھے اسی طرح براڈکاسٹنگ میں انھیں سید ذوالفقار علی بخاری کا اسلوب پسند تھا۔ اپنی اندرونی کیفیات، جذبات اور احساسات کو وہ ہنسی کے حسین اور خوش رنگ دامنوں میں اس خوش اسلوبی سے چھپا لیتے ہیں کہ ان کے اسلوب کا دائمی تبسم قاری کو مسحور کر دیتا ہے وہ طنز و مزاح کے فرغلوں میں لپیٹ کر زندگی کی تلخ صداقتیں ، بے اعتدالیاں اور تضادات نہایت دل نشیں انداز میں اشعار کے قالب میں ڈھالتے ہیں۔ ان کے اسلوب پر ایک مصلح، ناصح اور فلسفی کا شائبہ ہوتا ہے۔ وہ کسی طور بھی محض ہنسانے والے کا کردار ادا کرنے پر مطمئن نہیں ہوتے بلکہ مزاح کو تو وہ حصول مقصد کا ایک زینہ خیال کرتے ہیں۔ ان کی وہ باتیں بھی جو کہ وہ ہنسنے کی غرض سے اشعار کے قالب میں ڈھالتے ہیں اپنے اندر زندگی کے متعدد اسرار و رموز لیے ہوتی ہیں۔ وہ جس انداز میں تخیل کی جولانیاں دکھاتے ہیں اسے دیکھ کر ان کے مقاصد کی رفعت، اسلوب کی گہرائی اور زبان و بیان کی تاثیر کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ انسانیت کے وقار اور سربلندی کے لیے انھوں نے مقدور بھر سعی کی۔ معاشرتی زندگی میں پائی جانے والی خود غرضی، ہوس اور مفاد پرستی کے بڑھتے ہوئے رجحان کو وہ سخت نا پسند کرتے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی معاشرہ جب اندرونی تضادات، بے اعتدالیوں اور ناہمواریوں پر چپ سادھ لیتا ہے اور کسی اصلاحی بات پر ٹس سے مس نہیں ہوتا تو یہ بات خطرے کی گھنٹی ہے کہ معاشرہ بے حسی کی بھینٹ چڑھ گیا ہے اور یہ صور ت حال کسی معاشرے، سماج اور تہذیب کے لیے بہت برا شگون ہے۔ احساس ذمہ داری کا فقدان آج ہمارا بہت بڑا المیہ ہے۔ ہم اپنی تمام کوتاہیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈال کر راہ فرار اختیار کرتے ہیں اور کسی صورت میں بھی اپنے احتساب پر آمادہ نہیں ہوتے۔
قصور
ہم کریں ملت سے غداری قصور انگریز کا
ہم کریں خود چور بازاری قصور انگریز کا
گھر میں کل بینگن کے بھرتے میں جو مرچیں تیز تھیں
اس میں بھی ہو گا بڑا بھاری قصور انگریز کا (3)

توقعات
مارشل لا خوردہ جمہوری نظام
اس الیکشن میں نیا حل لائے گا
لوگ اس امید پر دیتے ہیں ووٹ
پھر یہ نخل بے ثمر پھل لائے گا (4)

عذر
بہر نماز عید بھی حاضر نہ ہو سکوں
مانوس اس قدر بھی نہیں اپنے گھر سے میں
اے رحمت تمام میری یہ خطا معاف
حاضر نہ تھا خطیب کے خطبے کے ڈر سے میں (5)

یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ اخلاقیات کا قصر عالی شان ہمیشہ عدل و انصاف کی اساس پر استوار ہوتا ہے۔ سید ضمیر جعفری کو اس بات کا شدید قلق تھا کہ معاشرہ قحط الرجال کے باعث توازن اور اعتدال کی راہ سے بھٹک گیا ہے۔ جاہل کو اس کی جہالت کا انعام مل جاتا ہے۔ ہوس نے نوع انساں کو انتشار اور افتراق کی گمراہی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ذاتی مفادات کی خاطر لوگ اپنے ابنائے جنس کے خون کے پیاسے ہو گئے ہیں۔ سید ضمیر جعفری ایک اسلامی فلاحی مملکت کے حامی تھے۔ وہ جبر اور استحصال کو سخت نا پسند کرتے اور اس بات پر اصرار کرتے کہ ظلم اور نا انصافی کے سامنے سپر انداز ہونا بہ جائے خود ایک ظلم ہے۔ ظا لم کہیں بھی اور کیسا بھی طاقت ور ہو اس پر لعنت بھیجنا ان کا شعار تھا۔ قیام پاکستان کے بعد رونما ہونے والے سیاسی حالات سے وہ خاصے دل گرفتہ تھے۔ ان کا خیال تھا کہ منزل پر وہ لوگ قابض ہو گئے جو کہ شریک سفر ہی نہ تھے۔ ان حالات میں سلطانیِ جمہور کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔ آمریت کے مسموم اثرات سے ترقی اور خوش حالی کی راہیں مسدود ہوتی چلی گئیں اور اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مظلوم اور بے بس عوام آزادی کے ثمرات سے محروم ہو گئے۔ چور محل میں جنم لینے والے جب چور دروازے سے جاہ و منصب پر غاصبانہ قبضہ کر لیتے ہیں تو بلا شبہ عقابوں کے نشیمن زاغوں کے تصرف میں آ جاتے ہیں اور کالا دھن کمانے والے تمام وسائل پر ہاتھ صاف کر لیتے ہیں۔ ایسے مفا پرست لوگوں کی بد اعمالیوں اور قبیح کردار نے ہمیں اقوام عالم کی صف میں تماشا بنا دیا ہے۔ اجالا داغ داغ اور سحر شب گزیدہ ہو کر رہ گئی ہے۔ سید ضمیر جعفری کی نظم ’’ہم آزاد ہیں ‘‘اپنے اندر جو کرب لیے ہوئے وہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

ہم آزاد ہیں

فرد ہو یا ملک تنہائی کا یارا بھی نہیں
بھائی چارے کے بہ جز کوئی اور چارہ بھی نہیں
ہم نے یہ مانا اکیلے میں گزارہ بھی نہیں
بات ہو جائے کسی سے یہ گوارا بھی نہیں
ہم عجب آزاد ہیں ہم کس قدر آزاد ہیں
ہم زمانے میں بہ انداز دگر آزاد ہیں

آج کل دنیا سمٹ کر ایک کاخ و کو میں ہے
اک قدم لاہور میں ہے ایک ٹمبکٹو میں ہے
بم شکاگو میں دھمک سارے ہنو لولو میں ہے
لالہ مصری خان لیکن اپنی ہاؤ ہو میں ہے
وہ یہ کہتا ہے کہ ہم مردان نر آزاد ہیں
ہم زمانے میں بہ انداز دگر آزاد ہیں

آئیے اب گھر میں آزادی کا منظر دیکھیے
جز بہ جز بکھر ہوا دفتر کا دفتر دیکھیے
اپنی صورت اپنے آئینے کے اندر دیکھیے
شرم آئے گی مگر جان برادر دیکھیے
ہم تو آزادی سے بھی کچھ بیش تر آزاد ہیں
ہم زمانے میں بہ انداز دگر آزاد ہیں

خواب آزادی کی یہ تعبیر سمجھے ہیں ضمیر
یار ماری، چور بازاری، سمگلنگ، داروگیر
گھات میں بیٹھا ہوا ہے کیا پیادہ کیا وزیر
اپنا اپنا کوہ کن ہے، اپنی اپنی جوئے شیر
بے نیاز امتیاز خیر و شر آزاد ہیں
ہم زمانے میں بہ انداز دگر آزاد ہیں (6)

انسانی فطرت کی خامیاں ، انسانی مزاج کی بے اعتدالیاں اور معاشرتی زندگی کے جملہ تضادات کو سید ضمیر جعفری نے اپنی ظریفانہ شاعری میں مواد کے طور پر جس خلاقانہ مہارت سے استعمال کیا ہے وہ ان کے صاحب اسلوب تخلیق کار ہونے کی واضح دلیل ہے۔ وہ ادب کو ایک سماجی فعالیت سے تعبیر کرتے تھے۔ انھوں نے ادب کو عمرانی صداقتوں کا آئینہ دار بنا دیا ہے۔ ان کے اسلوب میں پائی جانے والی شگفتگی ان کی شخصیت کی نفاست کی مظہر ہے۔ ان کے اسلوب میں ہمدردی، انس، خلوص، مروت، ایثار اور افہام و تفہیم کی جو فضا ہے وہ انھیں خالص مزاح نگار کے بلند مقام پر فائز کرتی ہے۔ ان کی مضبوط اور مستحکم شخصیت میں اولوالعزمی، بلند ہمتی اور مستقل مزاجی کے عناصر پوری قوت کے ساتھ اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔ ان کی مسحور کن شخصیت ان کے منفرد اسلوب میں اپنی پوری تابانیوں کے ساتھ اشعار کے پس منظر میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتی ہے۔ ایک نقاد جب کسی قوم کے فکری ارتقا کا مطالعہ کرنا چاہتا ہے تو وہ اس امر پر توجہ دیتا ہے کہ اس قوم کی لسانی بنیاد کس قدر مستحکم ہے۔ یاد رکھنا چاہیے لسانیات کی تفہیم کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ کوئی بھی قوم اپنی زبان کے استعمال میں کس قدر ذہنی بالیدگی اور پختگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔ اس امر کی جانچ پرکھ کا ایک ہی معیار ہے کہ اس زبان میں ظرافت کا کتنا وقیع سرمایہ موجود ہے۔ سید ضمیر جعفری نے اردو زبان کو طنز و مزاح کے حوالے سے ثروت مند کر دیا۔ ان کی تخلیقی فعالیت سے اردو زبان میں طنز و مزاح کی ثروت میں قابل تحسین اضافہ ہوا۔ انھوں نے اپنے تخلیقی تجربات کے اعجاز سے اردو زبان کو بلند پایہ ظرافت کے شاہکاروں سے متمتع کیا اور یہ ثابت کر دیا کہ اردو زبان دنیا کی متمدن زبانوں میں شامل ہے۔ ان کی شاعری کے مطالعہ سے معاشرتی بصیرت کو نمو ملتی ہے اور اس طرح قاری اپنے اندر ایک ولولہ تازہ محسوس کرتا ہے۔ اسے یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہر لحظہ نیا طور نئی برق تجلی کی کیفیت ہے اور مرحلہ شوق ہے کہ ابھی طے نہیں ہو پا رہا۔
سید ضمیر جعفری نے انسانیت کو اس عالم آب و گل کی عظیم ترین قدر قرار دیا۔ انسانیت کی توہین، تذلیل، تضحیک اور بے توقیری کرنے والوں کے خلاف انھوں نے قلم بہ کف مجاہد کا کردار ادا کیا۔ انھوں نے ظالم و سفاک، موذی و مکار استحصالی عناصر کے مکر کا پردہ فاش کرنے میں کبھی تامل نہ کیا۔ آج ہمارے دور کا المیہ یہ ہے کہ فرد کی بے چہرگی اور عدم شناخت کا مسئلہ روز بہ روز گمبھیر صورت اختیار کرتا چلا جا رہا ہے۔ ان لرزہ خیز اعصاب شکن حالات میں زندگی کی رعنائیاں گہنا گئی ہیں ، رتیں بے ثمر، کلیاں شرر، آہیں بے اثر، زندگیاں پر خطر اور آبادیاں خوں میں تر کر دی گئی ہیں۔ سید ضمیر جعفری کی ظریفانہ شاعری اس امر پر اصرار کرتی ہے کہ ہوائے جور و ستم میں بھی رخ وفا کو بجھنے نہ دیا جائے۔ حوصلے، امید اور رجائیت پر مبنی یہ ظریفانہ شاعری ہر عہد میں دلوں کو مرکز مہر و وفا کرنے کا وسیلہ ثابت ہو گی۔ ان کی ظریفانہ شاعری ایک خاص نوعیت کی انفعالی کیفیت اور بصیرت کی امین ہے جس کی بدولت ہجوم یاس میں بھی دل کو سنبھالنے میں کامیابی ہوتی ہے۔ ظرافت نے ان کو عشق کے بلند مقام تک پہنچا دیا۔ ان کا مزاح گہری سوچ، فکری بالیدگی، ذہن و ذکاوت اور تجزیہ سے بھر پور ہے۔ عناصر میں رشتوں کا ایک نظام کارفرما ہوتا ہے۔ سید ضمیر جعفری نے ایک کامیاب مزاح نگار کے طور پر ان عناصر کی بے اعتدالیوں کے بارے میں ہمدردانہ شعور کو اجاگر کیا اور فن مزاح نگاری کے تمام پہلوؤں کو اپنے اسلوب کی اساس بنایا۔ وہ اعتدال پسندی کی روش اپنانے پر زور دیتے ہیں اور ان کا پیغام مسرت ہے جہاں تک پہنچے۔
اردو کی ظریفانہ شاعری کا یہ آفتاب 16مئی1999کو غروب ہو گیا۔ ان کی وفات سے اردو کی ظریفانہ شاعری کا ایک عہد اپنے اختتام کو پہنچا۔ ان کی شاعری انھیں شہرت عام اور بقائے دوام کے دربار میں بلند مقام پر فائز کرے گی۔ لوح جہاں پر ان کا نام ہمیشہ ثبت رہے گا۔ وہ ایک عظیم الشان شعری روایت کے موجد تھے۔ ان کی وفات کے ساتھ ہی اردو شاعری میں طنز و مزاح کی ایک درخشاں روایت نئی نسل کو منتقل ہو گئی۔ ان کے بارے میں احباب یہ کہا کرتے تھے کہ وہ اس لیے ہنستے ہیں کہ کہیں دیدہ گریاں کی نہر انھیں بہا نہ لے جائے۔ اب سیل زماں نے ہمارے ہنستے بولتے چمن کو مہیب سناٹوں اور جان لیوا دکھوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
برس گیا بہ خرابات آرزو تیرا غم
قدح قدح تیری یادیں سبو سبو تیرا غم
٭٭

ماخذ

(1)سید ضمیر جعفری :نشاط تماشا، ما فی الضمیر، سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور، 1993صفحہ 160۔
(2)سید ضمیر جعفری :نشاط تماشا، ما فی الضمیر، ، صفحہ 91۔
(3)سید ضمیر جعفری :نشاط تماشا، ضمیر ظرافت، ، صفحہ 599۔
(4)سید ضمیر جعفری :مسدس بد حالی، دوست پبلی کیشنز، اسلام آباد، جنوری، 1996، صفحہ 160۔
(5)سید ضمیر جعفری :نشاط تماشا، بے کتابے، صفحہ 799۔
(6)سید ضمیر جعفری :نشاط تماشا، ضمیریات، صفحہ 515۔
٭٭٭
٭٭٭

مکاتیب مجید امجد

عالمی ادبیات کا بہ نظر غائر جائزہ لینے سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ ادب میں دل چسپی، دل کشی، رنگینی اور رعنائی کے اتنے مناظر جمع ہو جاتے ہیں کہ قاری ان کے سحر میں کھو کر رہ جاتا ہے۔ اس کے باوجود ایک صنف ادب ایسی بھی ہے جس میں بہ زبان قلم تخلیق کار قاری کے ساتھ ہم کلام ہو کر اسے اپنے حال دل سے آگاہ کرتا ہے اور قلب ا ور روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والی اثر آفرینی کا جادو سر چڑھ کر بو لتا ہے۔ یہ فن مکتوب نگاری ہے جس کی کشش اپنی مثال آپ ہے۔ خط کی ترسیل دراصل تزکیہ نفس کی ایک صورت ہے۔ مکتوب نگار اپنے جذبات، احساسات، مشاہدات، تاثرات اور داخلی و خارجی کیفیات کو بلا کم و کاست مکتوب الیہ تک پہنچا کر ایک اعتبار سے اسے اپنے خیالات میں شریک کر لیتا ہے۔ ذرائع ابلاغ اور مواصلات کی موجودہ برق رفتار ترقی سے قبل صدیوں سے مکاتیب افراد معاشرہ کے ما بین رابطے کا اہم ترین اور موئثر ترین وسیلہ رہے ہیں۔ حرف صداقت لکھنے کی یہ نہایت عمدہ صورت ہے کہ مکتوب نگار اپنی قلبی کیفیات کو صفحۂ قرطاس پر منتقل کر کے مکتوب الیہ کو اپنے جذبات سے آگاہ کرتا ہے۔ اس تخلیقی عمل کے معجز نما اثر سے مکتوب نگار کی شخصیت کے متعدد گوشے سامنے آتے ہیں۔ مکتوب نگار کی شخصیت کی تفہیم اور اس کے جذبات اور میلانات کی گرہ کشائی میں خطوط کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ دل کی بات نوک زباں سے نوک قلم تک آتے آتے کئی روپ بدلتی ہے اور جب الفاظ سوجھتے ہیں تو ان کی معنی خیزی سے خیالات میں تلاطم پیدا ہو جاتا ہے۔ لسانی اعتبار سے خط کی تحریر ایک ایسی گفتگو ہے جو قلم و قرطاس کے حوالے سے انتہائی معتبر صورت میں سامنے آتی ہے۔ ایک مقبول صنف ادب کی حیثیت سے مکتوب نگاری نے ہر عہد میں اپنی مقبولیت اور اہمیت کا لوہا منوایا ہے۔ ایک زیرک مکتوب نگار جب قلم اور قرطا س کے ذریعے مکتوب الیہ سے ہم کلام ہوتا ہے تو ان کے مابین قلبی، روحانی اور وجدانی سطح پر ایک رابطہ استوار ہو جاتا ہے۔
مجید امجد جدید اردو نظم کے بنیاد گزاروں میں شامل ہیں۔ ان کا حلقۂ احباب نہایت وسیع تھا۔ جب وہ ’’ ہفت روزہ عروج ‘‘جھنگ کے مدیر تھے تو ان کے نام کافی خط آتے تھے۔ ان کے جواب وہ نہایت باقاعدگی کے ساتھ ارسال کرتے مگر اب یہ جواب کہیں دستیاب نہیں۔ انھوں نے اپنے قریبی احباب اور مداحوں کے نام جو خطوط ارسال کیے وہ بھی نایاب ہیں۔ سب سے بڑھ کر حیران کن بات یہ ہے کہ انھوں نے جھنگ سے باہر ملازمت کے سلسلے میں اپنے قیام کے دوران میں اپنے اہل خانہ کو جو مکاتیب ارسال کیے ان کا بھی کہیں اتا پتا نہیں ملتا۔
چندر روز قبل مجھے کراچی سے ممتاز علم دوست اور ادب پرور شخصیت عزیز خان صاحب نے فون پر مطلع کیا کہ امریکہ میں مقیم ان کے بہنوئی شاہد سلیم جعفری صاحب جو کہ مجید امجد کے قریبی دوست رہے ہیں، ان کے پاس مجید امجد کے مکاتیب کا ایک ذخیرہ موجود ہے۔ یہ سنتے ہی میری خوشی کی انتہا نہ رہی۔ میں نے ان سے استدعا کی کہ وہ میرا جلد از جلد محترم شاہد سلیم جعفری صاحب سے رابطہ کرا دیں۔ مجھے احساس تھا کہ ہتھیلی پر سرسوں جمانا محترم عزیز خان صاحب کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔ شاید دس منٹ بعد اسی روز شام کا وقت تھا میں مغرب کی نماز سے فارغ ہو کر تسبیح میں مصروف تھا کہ ٹیلی فون کی گھنٹی بجی۔ میں نے فرط اشتیاق سے ٹیلی فون سنا دوسری طرف سے دردمندی اور خلوص سے لبریز ایک مشفقانہ آواز آئی :
’’السلام علیکم !میں امریکہ سے شاہد سلیم جعفری بول رہا ہوں۔ میں نے آپ کا مضمون ’’مجید امجد :ہے جس کے لمس میں ٹھنڈک وہ گرم لو تیرا غم ‘‘پڑھا ہے۔ یہ اس قدر موثر ہے کہ دوران مطالعہ میری آنکھیں بھیگ بھیگ گئیں۔ میر ا تعلق ساہیوال سے ہے اور جن دنوں مجید امجد یہاں محکمہ خوراک میں افسر تھے میرے ان کے ساتھ قریبی مراسم تھے۔ جب میں ساہیوال سے چلا گیا تو اس کے بعد بھی یہ رابطے مجید امجد نے زندگی بھر برقرار رکھے۔ ان کے بہت سے خط میرے پاس محفوظ تھے مگر کچھ بار بار کی نقل مکانی کے باعث گم ہو گئے۔ اب کچھ خطوط میرے پاس موجود ہیں۔ ان کے مطالعہ سے میں ایام گزشتہ کی کتاب کی ورق گردانی میں مصروف رہتا ہوں۔ مجید امجد نے میرے ساتھ اعلیٰ اخلاق اور اخلاص سے لبریز جو سلوک زندگی بھر روا رکھا جہاں وہ میری خوش قسمتی ہے وہاں ان کی عظمت کی بھی دلیل ہے۔ ‘‘
میں نے بڑی توجہ سے یہ تمام باتیں سنیں۔ مجید امجد کے مکاتیب کی اشاعت کے سلسلے میں میری امید بر آئی، میری دعا قبول ہوئی اور اس عظیم نظم گو شاعر کی نثر سے آشنا ہونے کی ایک صورت نظر آئی۔ میں نے جواب میں کہا ’’ان خطوط کو شائع ہونا چاہیے۔ ان کی اشاعت سے اردو ادب کی ثروت میں اضافہ ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ مجید امجد کی زندگی اور اس کے تخلیقی محرکات کے بارے میں بھی آگہی ملے گی۔ آپ نے مجید امجد کی رفاقت میں جو وقت گزارا ہے اس کی یادداشتیں بھی آپ لکھیں تا کہ ادب کے قاری کو مثبت شعور و آگہی سے متمتع کیا جا سکے۔ ‘‘
شاہد سلیم جعفری صاحب نے جواب میں فرمایا :’’آپ کا ارشاد سر آنکھوں پر یہ مکاتیب ضرور کتابی صورت میں زیور طباعت سے آراستہ ہو کر قارئین ادب تک پہنچیں گے۔ میرا ان سے زندگی بھر کا جو تعلق اور معتبر ربط رہا اور جو عہد وفا میں نے اس عظیم انسان کے ساتھ استوار کیا اس کا تقاضا یہی ہے کہ ان کی یہ اما نت قارئین ادب تک بلا تاخیر پہنچا دوں۔ ‘‘
محترم شاہد سلیم جعفری صاحب سے میری کبھی ملاقات نہیں ہوئی، اس کے باوجود ان کی باتیں سن کر یوں محسوس ہوا جیسے ہم برسوں سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔ ان کی باتیں قلب اور روح کی گہرائیوں میں اترتی چلی گئیں ان کی گفتگو کا ایک ایک لفظ ان کی عظیم شخصیت کی غمازی کر رہا تھا۔ ۔ مجید امجد نے اپنے بارے میں کہا تھا کہ :
میری مانند، خود نگر، تنہا
یہ صراحی میں پھول نر گس کا
اتنی شمعیں تھیں تیری یادوں کی
اپنا سایہ بھی اپنا سایہ نہ تھا
وقت کی سر حدیں سمٹ جاتیں
تیری دوری سے کچھ بعید نہ تھا
امجد ان آنسوؤں کو آگ لگے
کتنا نرم اور گراں ہے یہ دریا
یہ آج سے کوئی تیس برس قبل کی بات ہے کہ جھنگ کے ممتاز ادیب امیر اختر بھٹی میرے پاس آئے۔ ان کی خواہش تھی کی مجید امجد کے خطوط کو یک جا کر کے کتابی صورت میں شائع کیا جائے۔ انھوں نے مجھے بتایا کہ جن مشاہیر ادب سے مجید امجد کی خط کتابت کا سلسلہ جاری رہا ان میں شیر محمد شعری، تقی الدین انجم (علیگ)، صاحب زادہ رفعت سلطان، الحاج سید غلام بھیک نیرنگ، سید مظفر علی ظفر، محمد شیر افضل جعفری، کبیر انور جعفری، خادم مگھیانوی، سمیع اللہ قریشی، غلام محمد رنگین، بلال زبیری، رانا سلطان محمود، غلام علی چین، اللہ دتہ سٹینوِ، پروفیسر محمد حیات خان سیال، پروفیسرخلیل اللہ خان، حاجی محمد یوسف، سید جعفر طاہر اور ڈاکٹر عبدالسلام کے نام قابل ذکر ہیں۔ امیر اختر بھٹی نے مجید امجد کے مکاتیب کے حصول کی مقدور بھر کوشش کی لیکن انھیں اس میں خاطر خواہ کامیابی نہ ہوئی۔ بھلوال میں مقیم مجید امجد کے ایک دوست اور مداح فیض لدھیانوی کے پاس بھی مجید امجد کے خطوط کا ایک ذخیرہ تھا۔ جن شخصیات کے پاس یہ خطوط تھے وہ انھیں دل و جاں سے زیادہ عزیز رکھتے تھے لیکن ان کی اشاعت کی نو بت نہ آسکی۔ رام ریاض کے پاس بھی مجید امجد چند خطوط تھے جن کا میں نے مطالعہ کیا۔ مجید امجد اپنے خطوط کو ایک جام جہاں نما بنا دیتے ہیں۔ وہ بہترین خیالات کو بہترین الفاظ کے ذریعے عمدہ ترین اسلوب کو منتخب کر کے صفحہ قرطاس پر منتقل کرتے تھے۔ ان کی عظیم شخصیت کے تمام اہم پہلو ان کے خطوط میں جلوہ گر دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا خلوص، دردمندی اور بے تکلفی ان کے خطوط میں صاف دکھائی دیتی ہے۔ انسانی زندگی کے جملہ نشیب و فراز ان کے خطو ط میں سمٹ آئے ہیں۔ مجید امجد کے خطوط کو ایک سماجی تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ وہ اپنے خطوط میں مکتوب الیہ کو اپنے حقیقی جذبات اور احساسات سے روشناس کرانے میں کوئی تامل نہیں کرتے۔ ا س لحاظ سے دیکھا جائے تو وہ اپنے خطوط کے معجز نما اثر سے قاری کے احساس و ادراک کو مہمیز کر کے اسے سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔ بادی النظر میں یہ حقیقت واضح ہے کہ ان کی مکتوب نگاری کے متعدد لا شعوری محرکات ہیں لیکن ان کے بیان کردہ واقعات اور تجربات و مشاہدات چونکہ حرف صداقت کی عمدہ مثال ہیں اس لیے وہ قاری کے شعور پر دور رس اثرات مرتب کرتے ہیں۔ ان خطوط کے مطالعہ سے نہ صرف مکتوب الیہ بلکہ ادب کے تمام قارئین کے سچے جذبات اور قلبی احسات کی تہذیب و تزکیہ کے امکانات روشن ہو جاتے ہیں۔ جہاں یہ مکاتیب مکتوب نگار کے لیے تز کیہ نفس کا وسیلہ ہیں وہاں قاری کے ذوق سلیم کو صیقل کرنے میں ان سے مدد ملتی ہے۔
مجید امجد کی زندگی جانگسل تنہائیوں کے باعث کراہتے لمحوں میں ڈھل گئی۔ موج اشک پہ ان کی زندگی بجھ بجھ کے جلتی رہی، ظلم کی شمشیر تھی کہ پیہم چلتی رہی مگر کوئی ان کا پر سان حال نہ تھا۔ اس کے بعد مجید امجد کے نہ ہونے کی ہونی کا وقت آپہنچا۔ امیر اختر بھٹی نے ساہیوال میں ان سے آخری ملاقات کی۔ ان دنوں مجید امجد اپنی زندگی کے کڑے امتحان سے گزر رہے تھے اپنی تمام عمر وہ جان لیوا یادوں، جانگسل تنہائیوں اور نا آسودہ خواہشوں کی بھینٹ چڑھا چکے تھے۔ اپنے لیے انھوں نے اپنی عمر کا کوئی حصہ پس انداز نہ کیا۔ تمام عمر انتہائی راز داری سے کام لیتے ہوئے سوچ کی بے حرف لو کو فروزاں رکھنے والے اس دردمند اور حساس تخلیق کار کو حالات اس سمت میں لے گئے کہ وہ نشیب زینۂ ایام پر عصا رکھتے ہوئے لمحہ لمحہ وقت کی تہہ میں اترتے چلے گئے اور ایک دن بالآخر یہ قلزم خوں پارکر گئے۔ مجید امجد کو اس بات کا قلق تھا کہ اللہ کریم کو اپنے ایک عاجز بندے کی فلاح کی کوشش میں انتہا درجے کی عنایت کو بروئے کار لانا چاہیے تھا۔ جب بھی ان مسموم حالات کا ذکر آتا تو امیر اختر بھٹی کی آنکھیں ساون کے بادلوں کی طرح برسنے لگتیں۔ اپنے قریبی عزیز مجید امجد کے آخری ایام کے بارے میں جب بھی کچھ کہنے کی کوشش کرتے تو گریہ گلو گیر ہو جاتا اور الفاظ ان کا ساتھ نہ دیتے۔ مجید امجد کی زندگی کے آخری ایام کی تنہائیوں اور آلام روزگار کے مہیب ماحول کو دیکھ کر ان کے حالات کی ترجمانی کرتے ہوئے وہ جب بھی شہر یار کا یہ شعر پڑھتے تو سامعین زار و قطار رونے لگتے :
آسماں کچھ بھی نہیں اب تیرے کرنے کے لیے
میں نے سب تیاریاں کر لی ہیں مرنے کے لیے
مجید امجد کی نثر اور نظم میں ایک تعمیری انداز فکر موجود ہے۔ ان کا اسلوب ان کی ذات ہے۔ ان کی تحریروں سے ان کی ذات کے جملہ موسم منعکس ہوتے ہیں۔ قحط الر جال کے موجودہ زمانے میں خلوص و مروت عنقا ہے۔ مجید امجد نے انسانیت کے وقار اور سر بلندی کو ہمیشہ کلید ی اہمیت دی۔ آج کے دور کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ حساس تخلیق کار کو دکھی انسانیت کے مسائل جامد و ساکت مجسموں اور سنگلاخ چٹانوں کے سامنے پیش کرنا پڑتے ہیں۔ فرد کی عدم شناخت اور بے چہرگی کا مسئلہ روز بہ روز گمبھیر صورت اختیار کرتا چلا جا رہا ہے۔ زرق برق لباس پہنے اور حسین و جمیل جسموں کے مقبروں میں مدفون بے حس روحیں اور چلتے پھرتے ہوئے مردے انسانیت کے مسائل کو کیسے سمجھ سکتے ہیں ؟۔ مجید امجد نے احباب کے ساتھ معتبر ربط کو ہمیشہ اپنا نصب العین سمجھا۔ سچی بات تو یہ ہے کہ مقتل وقت میں ان کی سوچ کو ایک لہکتی ڈال کی حیثیت حاصل ہے۔ ان کے مکاتیب کا نمایاں وصف یہ ہے کہ وہ عرض نوائے حیات نہ صرف گہرے اور دل نشیں لہجے میں کرتے ہیں بلکہ وہ اپنے سینے پر اپنے سوز دروں اور دردو غم کی سل رکھ کر مکتوب الیہ سے ہم کلام ہوتے ہیں۔ ان کے اسلوب میں جو والہانہ پن، خلوص، بے تکلفی اور دردمندی ہے وہ قلب اور روح کی گہرائیوں میں اتر کر قاری کو ایک جہاں تازہ کی نوید سناتا ہے۔ مراسلے کا مکالمہ بنانے کی روایت کو انھوں نے خون دل دے کر نکھارا:
یہ دوریوں کا سیل گراں، برگ نامہ، بھیج
یہ فاصلوں کے بند گراں، کوئی بات کر
آ ایک دن، مرے دل ویراں میں بیٹھ کر
اس دشت کے سکوت سخن جو سے بات کر
امجد نشاط زیست اسی کشمکش میں ہے
مرنے کا قصد، جینے کا عزم، ایک ساتھ کر
مکاتیب کے ذریعے مجید امجد نے امید دید دوست کی دنیا بسا کے احباب کے ساتھ ربط کی مقدور بھر سعی کی۔ ان کی زندگی میں ایسے سخت مقام بھی آئے جب سفاک ظلمتوں میں مہر و ماہ کی شمعیں بھی گل ہو گئیں۔ اس کے باوجود وہ رخت غم دل اٹھائے صبح طرب کی جستجو میں آبلہ پا مسافر کے مانند سر گرم سفر رہے۔ وہ ڈوبتے لمحوں میں بھی یاد یار کی رعنائیوں اور ربط کو مشعل راہ خیال کرتے تھے۔ ان کے مکاتیب در اصل مہجور یادوں کے وصل کی صورت بن جاتے ہیں۔ محترم شاہد سلیم جعفری کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انھوں نے جہاں اندر جہاں کی جستجو کی اور بہار کی یاد میں ایک ایسا ترانہ چھیڑا جس کے معجز نما اثر سے سکوت چمن کا خاتمہ ہوا اور مجید امجد کی حیات، ادبی خدمات اور اسلوب کے بارے میں مثبت شعور اور آگہی پید کرنے کی صورت پیدا ہوئی۔ فکر راز ہستی کے ایسے پرستار کے خلوص اور بے لوث محبت کو دیکھ کر ان کے لیے دل سے دعا نکلتی ہے۔ انھوں نے مجید امجد کے کنج دل میں گونجنے والے زمانے سے قارئین ادب کوروشناس کرا کے بلا شبہ ایک اہم خدمت انجام دی ہے۔ تاریخ ادب میں ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
٭٭٭


 
میر تقی میر :نہ کہیں مزار ہوتا

تاریخ، ثقافت اور تہذیب کے دوام کو پوری دنیا میں کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اقوام و ملل کے وجود پر تو ابلق ایام کے سموں کی گرد پڑ سکتی ہے اور ان کا نام و نشاں تک باقی نہیں رہتا مگر تہذیب کا معاملہ الگ ہے۔ تہذیب کی بقا در اصل انسانیت کی بقا سے منسلک ہے اگر تہذیب و ثقافت کے نشانات معدوم ہو جائیں تو اس خطے کے عوام کی تاریخ اور ارتقا کے بارے میں ابہام پیدا ہو جاتا ہے۔ یہ دور اپنے براہیمؑ کی تلاش میں ہے اور یہ جہاں ایک صنم کدے کی صورت ہے۔ آج اقتضائے وقت کے مطابق جہد للبقا کی خاطر ہر قسم کے چیلنج کا پوری قوت سے جواب دینا از بس ضروری ہے یہی تہذیب و تمدن کا تقاضا بھی ہے اور زندہ اقوام کا شیوہ بھی یہی ہے۔ جو تہذیب و تمدن عصری آگہی کو پروان نہ چڑھا سکے اور جہد للبقا کی دوڑ میں اپنے وجود کا اثبات نہ کر سکے اس کی داستاں تک بھی داستانوں میں باقی نہیں رہتی۔ تاریخ کا ایک مسلسل عمل ہوا کرتا ہے۔ یہ تاریخ ہی ہے جس کے معجز نما اثر سے ہر عہد میں نسل نو کو تہذیب و ثقافت کا گنج گراں مایہ منتقل ہوتا رہتا ہے۔ تہذیب کا تحفظ اور اس کی شناخت انتہائی محنت، دیانت، لگن اور احساس ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے۔ اسی طرح اسے آنے والی نسلوں تک پہنچانا جہاں ذہنی بالیدگی کا مظہر ہے وہاں اس سے مستقبل کے متعدد دنئے امکانات سامنے آتے ہیں۔ یہ بات بلا خوف تردید کہی جا سکتی ہے کہ کسی بھی قوم کے تاریخی اثاثے اور تہذیبی میراث کے تحفظ اور اس کو آنے والی نسلوں کو منتقل کرنے میں غفلت کی مہلک روش اپنانے سے ایسے گمبھیر نتائج سامنے آتے ہیں جن کے باعث پورا منظر نامہ ہی گہنا جاتا ہے اور اس کے بعد پتھر کے زمانے کا ماحول پیدا ہو جاتا ہے۔ کروچے نے کہا تھا :
’’تاریخ دو چیزوں کے ملاپ سے تشکیل پاتی ہے۔ ثبوت اور تنقید، ماضی اپنے پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔ یہ نشانیاں محض بے حس ٹکڑے نہیں ہوتے۔ ان میں ماضی کے افکار اور ماضی کی فکر چھپی ہوئی ہوتی ہے۔ یہ ماضی کے ذہن و شعور کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہم ان نشانیوں کو اس لیے محفوظ رکھتے ہیں تاکہ یہ مستقبل کے مورخ کے لیے ثبوت کے طور پر فراہم ہوں۔ ‘‘(1)
تہذیبی میراث کے زیاں کا ایک واقعہ اردو ادب میں بھی پیش آیا جب خدائے سخن میر تقی میر کی قبر کا نشان ناپید ہو گیا۔ میر تقی میر جو 1723میں آگرہ میں پیدا ہوئے۔ اپنے باپ کے انتقال کے بعد 1734میں دہلی پہنچے۔ دہلی میں میر تقی میر کا قیام جس علاقے میں تھا اسے کوچہ چہل امیراں کے نام سے یاد کیا جاتا تھا جو بعد میں کوچہ چیلاں کہانے لگا۔ اس کے بعد یہ عظیم شاعر لکھنو کے نواب آصف الدولہ کی دعوت پر 1782میں دہلی کو خیرباد کہہ کر لکھنو پہنچا۔ اردو شاعری کا یہ آفتاب لکھنو میں بروز جمعہ 21ستمبر 1810کو عدم کی بے کراں وادیوں میں اوجھل ہو گیا۔ بعض روایات کے مطابق میر تقی میر کے جسد خاکی کو اکھاڑہ بھیم لکھنو کے ایک گوشے میں دفن کیا گیا۔ ا س کے بعد اس کی قبر کا نشاں بھی قضا نے مٹا دیا۔ ڈاکٹر نثار احمد قریشی نے رالف رسل اور ڈاکٹر این میر ی شمل کے حوالے سے 1980میں ایک بار اپنے شاگردوں کو بتایا:
’’اردو زبان کے نابغہ روزگار شاعر میر تقی میر نے 1782میں ذاتی مسائل اور معاشی مجبوریوں کے باعث جب لکھنو منتقل ہونے کا فیصلہ کیاتو یہاں ان کا قیام لکھنو کی ایک کم معروف آبادی ست ہٹی میں ہوا۔ ماہرین آثار قدیمہ کا خیال ہے کہ یہ آبادی ریذڈنسی اور رومی دروازے کے درمیانی علاقے میں ہوا کرتی تھی۔ اس کا محل وقوع اور رہن سہن لکھنو کے اس زمانے کے ترقی یافتہ علاقے سے قدرے کم معیار کا تھا۔ میر تقی میر نے ایک گونہ بے خودی کے حصول کی خاطر مے نوشی اختیار کی۔ دن رات کی بے خودی کے حصول کی تمنا، ہجوم غم اور نا آسودہ خواہشات نے میر تقی میر پر جنونی کیفیت طاری کر دی۔ کثرت مے نوشی، آلام روزگار کی مسموم فضا، سیل زماں کے مہیب تھپیڑوں اور ہجوم غم نے بالآخر ان کی زندگی کی شمع بجھا دی۔ میر تقی میر کی وفات کے بعد ان کی تدفین ست ہٹی سے کچھ فاصلے پر واقع ایک قبرستان میں ہوئی جسے بھیم کا اکھاڑہ کے نام سے یاد کیا جاتا تھا۔ اب یہ تمام آثار تاریخ کے طوماروں میں دب کر عنقا ہو چکے ہیں اور ان کا کہیں سراغ نہیں ملتا۔ ‘‘حقیقتوں کا خیال و خواب ہو جانا کس قدر روح فرسا اور اعصاب شکن المیہ ہے اس کے تصور ہی سے کلیجہ منہ کو آتا ہے۔ سیماب اکبر آبادی نے کہا تھا :
بس اتنی سی حقیقت ہے فریب خواب ہستی کی
کہ آنکھیں بند ہوں اور آدمی افسانہ ہو جائے
نامور ماہر تعلیم، دانش ور محقق اور ادیب رانا عبدالحمید خان جو 1926میں گورنمنٹ کالج جھنگ کے پرنسپل تھے وہ کالج کے طلبا اور اساتذہ کے ہمراہ دہلی، لکھنو اور آگرہ کے مطالعاتی دورے پر گئے۔ اس دورے میں حاجی احمد بخش نے پرنسپل کی کار کے ڈرائیور کی حیثیت سے شرکت کی۔ میں نے 1980میں حاجی احمد بخش سے ایک انٹرویو کیا جس کا ملخص گورنمنٹ کالج جھنگ کے مجلہ ’’کارواں ‘‘میں شائع ہو ا۔ اس سفر کا ذکر کرتے ہوئے حاجی احمد بخش نے بتایا:
’’ہمارے ساتھ بیس طالب علم اور دو اساتذہ تھے۔ ان میں پروفیسر لال چند لالہ اور پروفیسر سردار پریم سنگھ بھی شامل تھے۔ رانا عبدالحمید کو میر تقی میر کی شاعری سے عشق تھا۔ دہلی، آگرہ اجمیر اور علی گڑھ کے بعد جب ہم لکھنو پہنچے تو میر تقی میر کی قبر کی تلاش شروع ہوئی مگر اس کا کہیں اتا پتا نہ ملا۔ مقامی باشندوں کی زبانی اتنا معلوم ہوا کہ قدیم زمانے میں جس علاقے کو بھیم کا اکھاڑہ کہا جاتا تھا اب اس کے آثار کہیں نہیں ملتے۔ ‘‘
حاجی محمد یوسف (ڈاکٹر عبدالسلام کے چچا زاد بھائی )کا تعلق ایک کاروباری خاندان سے تھا۔ وہ ذاتی طور پر کئی مرتبہ لکھنو گئے۔ وہ اردو کی کلاسیکی شاعری اور میر تقی میر کے اسلوب کے شیدائی تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ میر کی لحد کے سرہانے بیٹھ کر آہستہ بول کر اپنے جذبات حزیں کا اظہار کریں اور اس لا فانی تخلیق کار کے حضور آنسوؤں اور آہوں کا نذرانہ پیش کریں مگر انھیں بھی میر تقی میر کی آخری آرام گاہ کے بارے میں کوئی معلومات نہ مل سکیں۔ پہلی عالمی جنگ کے دوران میاں عبدالواحد لکھنو چھاونی میں تھے ان کے علاوہ محمد خان پوسٹ ما سٹر بھی اسی علاقے میں تعینات تھے وہ بھی میر تقی میر کی لحد کا کوئی اتا پتا معلوم نہ کر سکے۔ سردار باقر علی خان جو انڈین سول سروس میں اعلیٰ افسر تھے بعد میں ملتان کے کمشنر رہے انھوں نے کچھ عرصہ لکھنو میں گزارا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے عرصہ قیام لکھنو میں وہ میر تقی میر کی آخری آرام گاہ کا صحیح تعین کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ان کی اولاد اب جھنگ میں مقیم ہے۔ مجھے 1970میں ان سے ملنے کا موقع ملا جو چراغ سحری تھے۔ ان کی یادداشتوں کا مرکزی نکتہ یہ تھا کہ جس علاقے میں بھیم کا اکھاڑہ بتایا جاتا ہے اس کا محل وقوع لکھنو شہر کے ریلوے سٹیشن کے قرب و جوار میں شمال کی سمت میں تھا۔ اس علاقے میں خشک میوے فروخت ہوتے تھے بالخصوص یہ مارکیٹ مونگ پھلی کی فروخت کے لیے مشہور تھی۔ گمان ہے کہ دریائے گومتی کے کنارے جو کچی آبادیاں اس زمانے میں وجود میں آ گئی تھیں یہ اس میں شامل ہو سکتا ہے۔ جھنگ میں میر تقی میر کی یاد میں قائم ہونے والی ’’بزم میر ‘‘جو 1900میں اس عظیم شاعر کے فکر و فن پر تحقیقی کام میں مصروف تھی۔ اس میں متعدد دانش ور شامل رہے۔ ان میں سے چند نام قابل ذکر ہیں جنھوں نے قابل قدر کام کیا۔ سید عبدالباقی( عثمانیہ)، پروفیسر تقی الدین انجم (علیگ)، پروفیسر عبدالستار چاولہ، ڈاکٹر سید نذیر احمد، رانا سلطان محمود، رانا عبدالحمید خان، نامور ماہر تعلیم غلام علی چین، میر تحمل حسین، میاں اللہ داد، الحاج سید غلام بھیک نیرنگ، محمد شیر افضل جعفری، کبیر انور جعفری، یوسف شاہ قریشی (بار ایٹ لا)، رام ریاض، پروفیسر محمد حیات خان سیال، پروفیسر خلیل اللہ خان، مہر بشارت خان، دیوان احمد الیاس نصیب، عاشق حسین فائق، بیدل پانی پتی، مرزا معین تابش اور سید جعفر طاہر سب نے مختلف اوقات میں میر تقی میر کی آخری آرام گاہ کے آثار معدوم ہو جانے کو ایک بہت بڑے تہذیبی زیاں سے تعبیر کیا۔ یہ بات تو سب نے تسلیم کی کہ جس جگہ پر میر تقی میر کو دفن کیا گیا تھا اب وہاں پر ریلوے لائن اور جنکشن موجود ہے جو نہ صرف بے مہری ء عالم کی دلیل ہے بل کہ اسے حالات کی ستم ظریفی بھی کہا جا سکتا ہے کہ وہ حساس شاعر جس نے اپنے سرہانے آہستہ بولنے کی استدعا کی اب وہ منوں مٹی کے نیچے پڑا بھاری بھرکم ریل گاڑیوں اور انجنوں کی چھک چھک کے شور میں دب چکا ہے۔ وہ بے مثال تخلیق کار جسے غالب، ذوق اور متعددد شعرا نے اپنا پیش رو تسلیم کیا اور اس کے اسلوب کو ابد آشنا اور لائق تقلید قرار دیا اب اس کی قبر کا نشاں تک موجود نہیں۔ وہ یگانۂ روزگار شاعر جس نے 13585اشعار پر مشتمل اپنے چھے دیوان لکھ کر اردو شاعری کی ثروت میں اضافہ کیا اور اردو ادب کو مقاصد کی رفعت میں ہم دوش ثریا کر دیا آج اس کا جسد خاکی لکھنو ریلوے سٹیشن اور ریلوے جنکشن کے شور محشر میں نو آبادیاتی دور میں برطانوی استبداد کے فسطائی جبر کے خلاف انصاف طلب ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میر کو اپنے بارے میں معلوم تھا زمانے کے حالات کس قدر تلخ صورت اختیار کر لیتے ہیں۔ ابلق ایام کے سموں کی گرد میں تمام واقعات اوجھل ہو جاتے ہیں اور حقائق خیال و خواب بن جاتے ہیں۔ اس دنیا میں دارا اور سکندر جیسے نامیوں کے نام و نشاں نہ رہے تو ایک شاعر کے بارے میں کسی خوش فہمی کا شکار ہونا تخیل کی شادابی کے سوا کیا ہو سکتا ہے۔ وفات کے صرف چھے عشروں کے بعد ایک عظیم شاعر کی قبر کا نشان تک معدوم ہو جانا لمحۂ فکریہ ہے۔
میرے تغیر حال پہ مت جا
اتفاقات ہیں زمانے کے
بعد مرنے کے میری قبر پہ آیا وہ میر
یاد آئی میرے عیسیٰ کو دوا میرے بعد
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ 1857کی ناکام جنگ آزادی کے بعد جب غاصب برطانوی تاجر تمام اخلاقی اور قانونی حدود سے تجاوز کر کے تاجور بن بیٹھے تو وہ تمام علامات اور نشانیاں جو اہل ہندوستان کے لیے بالعموم اور مسلمانوں کے لیے بالخصوص قابل احترام تھیں انھیں چن چن کر ان طالع آزما، مہم جو اور انسانیت سے عاری فاتحین نے نیست و نابود کر دیا۔ لکھنو شہر کے سٹیشن کے قریب چھٹی والا پل کے قریب ریلوے لائن کے درمیان ایک قبر کے آثار موجود تھے۔ آج سے کوئی اسی سال قبل اس مرقد کو مقامی باشندے شاہ افجشن کا مزار خیال کرتے تھے۔ اسی مزار کے بارے میں ادبی حلقوں کی رائے یہ رہی کہ ہو نہ ہو یہی تو میر تقی میر کی قبر کا نشان بننے کے گمان کی ایک صورت ہو سکتی ہے۔ حیف صد حیف کہ اب اس مر قد کا بھی کوئی سراغ کہیں نہیں ملتا۔ اس طرح دل کی تسلی کی ایک موہوم صورت بھی نا پید ہو گئی۔ حال آں کہ میر تقی میر کی قبر تو 1857کے بعد برطانوی افواج کی بزدلانہ، ظالمانہ اور جارحانہ خونیں واقعات کے فوری بعد مکمل طور پر منہدم کر دی گئی تھی۔ سرابوں میں بھٹکنے والوں کے لیے اب مزید کسی خوش فہمی کی گنجائش باقی نہیں رہی۔
میر تقی میر کی تمام زندگی مفلسی، کس مپرسی، پریشاں حالی اور درماندگی میں بسر ہوئی۔ ایک بیٹے، بیٹی اور اہلیہ کی وفات سے میر تقی میر کا سینہ و دل حسرتوں سے چھا گیا۔ اس ہجوم یاس میں اس کے دل پر جو کوہ ستم ٹوٹا اس کے باعث اس کی زندگی کی تمام رتیں بے ثمر ہو کر رہ گئیں۔ میر تقی میر کے مرقد کا نشاں نا پید ہو جانا در اصل موت کے جان لیوا صدمات اور تقدیر کے نا گہانی آلام کے مسائل و مضمرات کی جانب توجہ دلاتا ہے۔ اس عالم آب و گل کی ہر ایک چیز کو فنا ہے ا اور بقا صرف رب ذوالجلال کی ذات کو حاصل ہے۔ میر تقی میر کی شاعری اور اس کے الفاظ ہی اب اس کی یاد دلاتے رہیں گے ۔
اشک آنکھوں میں کب نہیں آتا
لہو آتا ہے جب نہیں آتا


مآخذ

(1)بہ حوالہ مبارک علی ڈاکٹر :تاریخ اور فلسفہ تاریخ، فکشن ہاؤس، لاہور، اشاعت اول، 1993، صفحہ 214۔
٭٭٭

تشکر: مصنف جنہوں نے فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

فکر و خیال