قرآن:عہد نامۂ ازل
عبداللہ کمال
دنیا ہے میدانِ عمل
قرآن دستور العمل
دعوا ہے یہ لائے کوئی
قرآن کا نعم البدل
انساں حیاتِ آب و گِل
قرآن آئینِ حیات
قرآن میں تحریر ہے
انساں کی تدبیرِ نجات
پیغمبرانِ حرفِ حق
ہر عہد میں آتے رہے
صدیوں ہمارے سامنے
وہ عہد دوہراتے رہے
داؤدؑ پر اتری زبور
توریت موسیٰؑ پر کھلی
رشد و ہدایت کے لیے
انجیل عیسیٰؑ کو ملی
افسوس ہم خائن رہے
ہر عہد میں، ایمان میں
تحریف ہم کرتے رہے
الله کے فرمان میں
روشن صحیفوں کو بھی جب
یوں مسخ ہم نے کر دیا
تب رفتہ رفتہ ہو گیا
سارا جہاں ظلمت کدہ
صدیوں اندھیری راہ پر
ہم ٹھوکریں کھاتے رہے
اور ٹھوکریں کھا کھا کے ہم
آپس میں ٹکراتے رہے
پھر ایک دن ایسا ہوا
سارے صحیفے کھو گئے
اندھی ہوا کی زد پہ ہم
اندھے تھے، مفلس ہو گئے
صدیوں یہ تاریکی رہی
صدیوں یہی عالم رہا
تب جا کے پھر الله نے
احسان بندوں پر کیا
صدیوں کی تاریکی چھٹی
روشن ہوا ظلمت کدہ
آئے ہمارے رہنما
حضرت محمد مصطفی
جن کے مبارک ہاتھ میں
الله کا فرمان تھا
ہم مفلسوں کے واسطے
گنجینۂ قرآن تھا
قرآن میں موجود تھیں
انجیل و توریت و زبور
افسوس ہے، افسوس ہے
ہم ہیں ابھی تک بے حضور
اے وہ کہ جو کھوئے گئے
کل کی اندھیری رات میں
آؤ، پڑھو، سمجھو اسے
تم آج کے حالات میں
قرآن ہے روشن چراغ
قرآن ہے تعلیمِ حق
تنکیرِ حق کی دھند میں
قرآن ہے تسلیمِ حق
قرآن ہے علم الیقیں
قرآں یقینِ ممکنات
قرآن ہے ام العلوم
قرآن رازِ کائنات
قرآن ہے منظر نما
دنیا میں انساں کے لیے
قرآن ہے اک روشنی
اس ظلمتستاں کے لیے
ہر عہدِ نو ہے اک سوال
قرآن ابد تک کا جواب
ہے زندہ لوگوں کے لیے
قرآن اک زندہ کتاب
قرآن انساں کے لیے
خیر ومسرت کا نقیب
قرآن ہے عادت اگر
روشن ہے انساں کا نصیب
یہ چاند، تارے، کہکشاں
انسان کے قدموں کی دھول
یہ آسمانی بستیاں
انسان کی راہوں میں پھول
قرآن ہے اک رابطہ
ارض و فلک کے درمیاں
قرآن کے احکام کے
پابند ہیں کرّوبیاں
قرآں فرشتوں کی ثنا قرآں رجز انسان کا قرآن ہے نعتِ نبی قرآن تحمیدِ خدا
قرآں وقارِ آدمی قرآن کا انساں عظیم قرآن عجزِ بندگاں قرآن ہے موجِ کریم
قرآن خضرِ راہ ہے
قرآن ہے آبِ حیات
قرآن میں مرقوم ہیں
مردانِ مومن کے صفات
قرآن ہے باطل شکن
قرآن اقدامی کتاب
قرآن ظالم کا حریف
قرآن مظلوموں کا خواب
قرآن تحریکِ عمل قرآں کتابِ انقلاب قرآں اذانِ فجر ہے قرآں طلوعِ آفتاب
قرآن سکھاتا ہے ہمیں
جاں اپنی بیچیں کس طرح
قرآں بتاتا ہے ہمیں
جنت خریدیں کس طرح
اہلِ اطاعت کے لیے قرآن تدبیرِ عمل اہلِ بغاوت کے لیے قرآن شمشیرِ اجل
قرآں جہادِ زندگی قرآن اک اقدام ہے قرآن انساں کے لیے الله کا انعام ہے
جس گھر سے آتی ہے سدا
الله اکبر کی صدا
اس گھر سے تم نے جوڑا ہے
غیرِ خدا کا سلسلہ
اے ہاتھی والو، جان لو
انجام ہاتھی والوں کا
تم بھی ڈرو اس دن سے جب
بھیجے پرندوں کو خدا
تم نے سنے ہوں گے ضرور
احوالِ ہامان و ثمود
نابود و کر رہ گئے
جن کے خدا پیکر وجود
ہے آج بھی زیرِ زمیں
قارون کا گنجِ نمود
غرقاب ہو کر رہ گیا
فرعون سا ربِ سجود
برسوں خلائق کے لیے
جو معبد و معبود تھا
وہ بھی خدا کے سامنے
نمرود تھا، مردود تھا
فردوسِ ارضی کا خدا
اور خالقِ بیت الصنم
جائے کوئی اور دیکھ لے
شداد کا قصرِ ارم
صدیوں سے زیرِ خاک تھا
تعذیبِ نخوت کے لیے
دھرتی نے اگلا ہے ابھی
سامانِ عبرت کے لیے
اب قیصر و کسریٰ کے نام
حرف و حکایت میں ملیں
فغفورِ چین و زارِ روس
مردہ روایت میں ملیں
وحشی تھے سب، وحشی رہے
اک دورِ وحشت ان کے نام
ہلّاک تھے، مہلوک بھی
کارِ ہلاکت ان کا کام
مالِ غنیمت کی طرح
انسان تھا لوٹا ہوا
جیسے پرندہ ڈار سے
چھوٹا ہوا، ٹوٹا ہوا
شیروں سے لڑوایا گیا
سانپوں سے ڈسوایا گیا
تفریح کی خاطر اسے
زہراب پلوایا گیا
اس عہد کا انسان بھی
سہما ہے اندر سے بہت
حصہ ہے موسم کا، مگر
ڈرتا ہے منظر سے بہت
اور بیتِ مقدس کی زمیں
دیوارِ گریہ ہو گئی
خونِ شہیداں رائگاں
رقصاں ہے سحرِ سامری
ہے بت شکن، جادو کشا
ضربِ کلیمی آج بھی
قرآن میں موجود ہے
اب بھی عصائے موسوی
ہے کون ایوبی کہ جو
دھرتی پہ لائے آسماں
اور مثلِ مومن طے کرے
قرآن کا اک ہفت خواں
ویراں ہے بیوہ کی طرح
حسرت زدہ، قسمت جلی
ہے مانگ سے اجڑی ہوئی
ارضِ فلسطیں کی گلی
ٹکرا رہے ہیں موت سے
اور زیست کا ساماں نہیں
افسوس، ان کے ہاتھ میں
بندوق ہے، قرآں نہیں
کاش، آئے وہ دن بھی کبھی
جب جہد بالایمان ہو
بندوق ہو اک ہاتھ میں
اک ہاتھ میں قرآن ہو
اے جنگ بازو، قاتلو
اے موت کے سوداگرو
انساں کے قتلِ عام سے
انجام سے اپنے ڈرو
تم کو ہے ایٹم بم پہ ناز
کچھ ہے خدا کی بھی خبر
دنیا خدا کے سامنے
ایٹم سے بھی ہے مختصر
بربادیوں کی راہ میں
جس آخری حد پر ہو تم
پیچھے پلٹ کر دیکھ لو
کس موت کی زد پر ہو تم
دنیا کو تم نے اس طرح
تنگ آدمی پر کر دیا
ہے دور تم سے آسماں
لیکن تعاقب میں خدا
انسان کی پہچان کو
پھر تم نے دھندلا کر دیا
بارود کی بوچھار سے
موسم کو میلا کر دیا
اس عہد کے انسان کی
تقدیر ہے بے چہرگی
امن وسکوں کے خواب کی
تعبیر ہے بے چہرگی
قرآن ہی ایک آخری
حرفِ صداقت ہے کمالؔ
انسان کو قرآن کی
بے حد ضرورت ہے کمالؔ
***
شداد کی مبینہ جنت کے کھنڈرات، جو حال ہی میں دریافت ہوئے ہیں۔
( عین کاف)
٭٭٭
ماخذ:
http://thefreelancer.co.in
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
قرآن:عہد نامۂ ازل
عبداللہ کمال
اقتباس
دنیا ہے میدانِ عمل
قرآن دستور العمل
دعوا ہے یہ لائے کوئی
قرآن کا نعم البدل
انساں حیاتِ آب و گِل
قرآن آئینِ حیات
قرآن میں تحریر ہے
انساں کی تدبیرِ نجات
پیغمبرانِ حرفِ حق
ہر عہد میں آتے رہے
صدیوں ہمارے سامنے
وہ عہد دوہراتے رہے
داؤدؑ پر اتری زبور
توریت موسیٰؑ پر کھلی
رشد و ہدایت کے لیے
انجیل عیسیٰؑ کو ملی
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)