قرطاسِ عقیدت
ماخوذ از سہ ماہی ’قرطاس‘ ناگپور مدیر: محمد امین
محامد
حافظ اسرار سیفی (آرہ)
اے خدائے پاک اے رب کریم
تیری رحمت عام ہے بخشش عظیم
اے کہ تیری ذات نوری لم یزل
اے کہ تو ہے خالق حکم و عمل
اے کہ تو ہے مالک ارض و سما
اے کہ تو آقا ہے لولاک لما
تیری رحمت ہے محیط بے کراں
تیری قدرت ہے صریح کن فکاں
تجھ سے قائم ہے جہان رنگ و بو
فرش سے تا عرش مولا تو ہی تو
ہے اطاعت میں تری مخفی نجات
تو ہی اک رکھتا ہے لافانی صفات
شکر میں کرتا رہوں ہر آن میں
صابر و شاکر رہوں اک نان میں
عمر بھر سیفیؔ ہو زندہ صبر سے
کلمہ پڑھتے نکلے اپنی قبر سے
٭٭٭
حیدر علی ظفر (دیگلور)
تو ہی ہے ابتدا اے خدا
تو ہی ہے انتہا اے خدا
دے رہی شاخ پر ہر کلی
یہ صدا اے خدا اے خدا
مجھ گناہ گار پر کر کرم
بخش دے ہر خطا اے خدا
چل پڑے کفر کی راہ پر
حق کا رستہ بتا اے خدا
لا شریک لہ وحدہٗ
سب فنا تو بقا اے خدا
سارے عالم کا سلطان تو
تو ہی سب کا خدا اے خدا
روح تن سے جدا ہو اگر
ہو زباں پر خدا اے خدا
جگمگاتا یہ عالم رہے
ہے ظفرؔ کی دعا اے خدا
٭٭٭
صابر فخرالدین (یادگیر)
وقت تیرا ہے وقت بھی تو ہی
اے خدا میرا بخت بھی تو ہی
تو ہی رحمان ہے رحیم بھی ہے
کسی درجے میں سخت بھی تو ہی
سارے عالم کا حکمراں بھی تو
صاحب تاج و تخت بھی تو ہی
میری سانسوں کی آمد آمد تو
اور سانسوں کی رفت بھی تو ہی
عالم ہست و بود بھی تجھ سے
مخزن ساز و رخت بھی تو ہی
جس کا سایا ہے سر پہ صابرؔ کے
ایک ایسا درخت بھی تو ہی
٭٭٭
ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی (بھاگلپور)
یہ کائنات یہ رنگ بہار تیرا ہے
فلک کا روپ زمیں کا نکھار تیرا ہے
صبا میں رقص، گلوں میں خمار تیرا ہے
چمن چمن شجر نغمہ بار تیرا ہے
جگر میں سبزہ و شبنم کے ہے لہو تیرا ہے
سکوت آتش گل میں شرار تیرا ہے
سرود ہستی دوراں میں تیری شیرینی
ندی کا گیت، رم جوئبار تیرا ہے
مقام شوق و مسافت کا مدعا تو ہے
یہ راہ تیری ہے یہ رہگذار تیرا ہے
مری غزل، مرا نغمہ، مری نوا تو ہے
مرے وجود کا یہ لالہ زار تیرا ہے
مرے خدا دل عاشق کو آئینہ کر دے
یہ فکر، یہ سخن شعلہ بار تیرا ہے
٭٭٭
مدہوش بلگرامی (ہردوئی)
یہ عرش و فرش یہ شمس و قمر بھی تیرے ہیں
یہ جانور یہ پرندے ، بشر بھی تیرے ہیں
یہ شاخ گل بھی ہے تیری ثمر بھی تیرے ہیں
فقط یہی نہیں برگ و شجر بھی تیرے ہیں
ہر ایک شئے پہ ہے تیرا ہی اختیار یہاں
یہ سیم و زر ہیں ترے یہ گہر بھی تیرے ہیں
ازل سے ہے تری مٹھی میں وقت کی رفتار
یہ ماہ و سال یہ شام و سحر بھی تیرے ہیں
عدم تجھی سے تجھی سے وجود ممکن ہے
مکاں بھی تیرا ہے یہ بام و در بھی تیرے ہیں
کسی مقام پہ ٹھہروں کہیں سے بھی گزروں
سفر بھی تیرے ہیں رخت سفر بھی تیرے ہیں
قیام ہو کہ وہ سجدہ رکوع ہو کہ سلام
یہ دست و بازو یہ شانے یہ پر بھی تیرے ہیں
جو تیری حمد میں مدہوش نے پروئے ہیں
وہ حرف و لفظ سبھی معتبر بھی تیرے ہیں
٭٭٭
سید طاہر حسین طاہر (ناندیڑ)
میں فنا ہوں بقا بس تری ذات ہے
لا شریک اے خدا بس تری ذات ہے
تو ہی معبود ہے تو ہی مسجود ہے
مرحبا مرحبا بس تری ذات ہے
روز اول بھی تو روز آخر بھی تو
ابتدا انتہا بس تری ذات ہے
تجھ کو سجدہ روا تو ہی مختار کل
سب سے برتر خدا بس تری ذات ہے
تیری قدرت کا قرآن شاہد ہے خود
وقف حمد و ثنا بس تری ذات ہے
ساری مخلوق کا تو ہے حاجت روا
وصف جود و سخا بس تری ذات ہے
بالیقیں تو نے پیدا کئے دو جہاں
لفظ کن کا صلہ بس تری ذات ہے
تیرے رحم و کرم کا میں محتاج ہوں
اور عطا ہی عطا بس تری ذات ہے
جز ترے میں کسی سے طلب کیوں کروں
حاصل مدعا بس تری ذات ہے
سب کا مالک ہے تو سب کی سنتا ہے تو
مستجاب الدعا بس تری ذات ہے
تیرا طاہرؔ سراپا گناہ گار ہے
پرسش غمزدہ بس تری ذات ہے
٭٭٭
عرشؔ صہبائی (جموں)
وہ خار بھی گلشن کا، گل تر بھی وہی ہے
قطرہ بھی وہی اور سمندر بھی وہی ہے
ہر دل میں ہے موجود وہ احساس کی صورت
احساس میں چبھتا ہوا نشتر بھی وہی ہے
دکھ درد ملے ہیں جنھیں معلوم ہے ان کو
راحت اک چھلکتا ہوا ساغر بھی وہی ہے
ہر بات مرے نام سے منسوب ہے لیکن
حق یہ ہے کہ بت بھی وہی آذر بھی وہی ہے
دل میں ہے وہ اک گہری خموشی کی علامت
ہونٹوں پہ مگر حرف مکرر بھی وہی ہے
اس کا نہ کرم ہو تو اجالے بھی اندھیرے
پھر ایسے میں انوار کا پیکر بھی وہی ہے
وہ رنگ دکھاتا ہے تڑپ جاتی ہیں نظریں
تسکین کا باعث ہے جو منظر بھی وہی ہے
دنیا کے کرشمات کا خالق بھی وہی عرشؔ
دنیا کے کرشمات کا مظہر بھی وہی ہے
٭٭٭
نعوت
کرشن پرویزؔ (کھرڑ)
کتنی عجیب دیکھئے شان رسول بھی
برسائے جس نے سب پہ ہی رحمت کے پھول بھی
جب بھی چلا ہوں جانب کعبہ، تو دشت کا
میرے لئے تو پھول بنا تھا، ببول بھی
دنیا کو کرتے اب بھی حقیقت سے روشناس
انمول گیان دیتے ہیں انؐ کے اصول بھی
جس کی زباں پہ نام نبیؐ گونجتا رہا
اللہ نے درگزر کی ہے اس کی تو بھول بھی
دولت ہے جس کے پاس یہ ایماں کی دوستو
اس سے خوش ہوئے ہیں دیکھو رسول بھی
رنج و الم کی یورشیں کافور ہو گئیں
کھل کھل گئے ہیں جا کے وہاں پر ملول بھی
دیدار کی تو بات ہی پرویز اور ہے
مجھ کو تو ہے قبول مدینے کی دھول بھی
٭٭٭
سید صولت حسین قاضیؔ (ممبئی)
گونجتا ہے اذانوں میں نام آپ کا
ذکر عالم میں ہے صبح شام آپ کا
درس قرآن ہے زندگی آپ کی
اور کلام خدا ہے کلام آپ کا
وقت معراج روح الا میں نے کیا
اللہ اللہ کیا اہتمام آپ کا
آسمانوں پہ تھا قدسیوں کے میاں
کس قدر عزت و احترام آپ کا
کوئی تفریق ان میں نہیں ہے مگر
انبیاء میں ہے ! اعلیٰ مقام آپ کا
لب سے امی سے نکلا ہوا معجزہ
کیا فصیح و بلیغ ہے کلام آپ کا
جاہ دنیا سے قاضیؔ کو مطلب نہیں
بس یہ کہلائے آقا غلام آپ کا
٭٭٭
مرزا محمد صدیق مضطرؔ (بیکانیر)
تمہارا ہوں جب تمہارا سرور عالم
ادھر بھی پھر نگاہ لطف ہو یا سرور عالم
جہاں بھی آپ کو جس نے پکارا سرور عالم
سہارا بن گئے ہیں آپ اس کا سرور عالم
فقیری بھی میری صد رشکِ سلطانی نہ ہو کیونکر
گدائے بے نوا ہوں جب تمہارا سرور عالم
حبیب کبریا خیر الورا شمس الضحی تم ہو
کوئی ثانی تمہارا ہے نہ ہو گا سرور عالم
نہیں سنتا کوئی کس کو سنائیں داستان غم
جہاں میں اب نہیں کوئی کسی کا سرور عالم
سفینہ آ پھنسا ہے بحر عصیاں کے تلاطم میں
مگر غم کیا جو تم ہو نا خدا یا سرور عالم
تمہارے حسن کا تھا عکس حسن حضرت یوسف
ہو تم نور حسن سراپا سرور عالم
مجھے سمجھاؤ گے کیا حضرت واعظ یہ سمجھاؤ
میری دنیا مدینہ ہے میری عقبیٰ سرور عالم
سکون قلب مضطرؔ کیوں نہ پائے وہ زمانے
کہ جس نے ورد اپنا کر لیا یا سرور عالم
٭٭٭
قاضی ڈاکٹر سید ساجد علی بنارسی (بنگلور)
میرے دل میں ہے یہ ارمان رسول اعظمؐ
جاں مری تم پہ ہو قربان رسول اعظمؐ
عرش تا فرش نہیں کوئی بھی ہمسر ان کا
سارے عالم میں ہیں ذی شان رسول اعظمؐ
آپؐ آئے تو جہاں کفر سے آزاد ہوا
ہم پہ خالق کاہے احسان رسول اعظمؐ
رب کا عرفان زمانے کو بتانے کے لئے
ساتھ لائے یہاں قرآن رسول اعظمؐ
اب ہے ممکن نہیں شیطاں کی عرب میں پوجا
بسبب عرفہ کے اعلان رسول اعظمؐ
نرک کی آگ بھی باز آئے گی ان سے لوگو
جو رہیں حامی فرقان رسول اعظمؐ
دیکھ کر جلوہ ترا دو جگہ اک ساعت میں
ہوئے جبریلؑ بھی حیران رسول اعظمؐ
ساری مخلوق و فلک رب نے بنایا جو بھی
سارے عالم کے ہیں سلطان رسول اعظمؐ
ابوبکرؓ و عمرؓ، عثمان غنیؓ اور علیؓ
چاروں ہیں با وفا اقران رسول اعظمؐ
ہو گیا منٹوں میں ایوبؓ کا رتبہ بھی بلند
جن کے گھر میں رہے مہمان رسول اعظمؐ
دید کعبہ و ترے دید کا مشتاق ہوں میں
ہو عطا مجھ کو یہ فیضان رسول اعظمؐ
جو پڑھے مسجد نبوی میں نمازیں چالیس
اس کا جنت بنے ایوان رسول اعظمؐ
میری کوشش میں کرو اپنی رضا بھی شامل
دو مری راہ کو پہچان رسول اعظمؐ
معاف ساجدؔ کو اے محبوب الٰہی کر دو
بخش دو ثروت اذہان رسول اعظمؐ
٭٭٭
انیس احمد خان انیس (نیو دہلی)
میرا قلم بھی صاحب ایمان ہو گیا
نعت رسول لکھ کے مسلمان ہو گیا
کیا کیا ملے تحفے اسے کچھ نہ پوچھئے
معراج میں خدا کو جو مہمان ہو گیا
قانون داں جہاں کے ہوئے خاتم النبی
قانون سب جہان کا قرآن ہو گیا
کچھ شعر کہہ گیا ہوں میں مدح رسول میں
بخشش کا آج میری بھی سامان ہو گیا
جنت میں اس کا دل نہیں لگتا ہے آج کل
عاشق مدینہ پاک کا رضوان ہو گیا
نام غلام مصطفی یعنی انیس خاں
میری حیات کا یہی عنوان ہو گیا
فکر غزل بھی اب نہیں ہوتی انیسؔ
سارا خیال نعت پہ قربان ہو گیا
٭٭٭
رہبر جونپوری (بھوپال)
رکھیں نہ کیوں امید کرم کی خدا سے ہم
وابستہ ہیں حریم در مصطفی سے ہم
اے کاش جا کے روضۂ اقدس کو چوم لیں
رہتے ہیں بے قرار اسی مدعا سے ہم
قائم ہیں اس زمانۂ باطل شعار میں
قرآن سے ، خدا سے ، شہِ انبیا سے ہم
امت ترے حبیب کی ہیں ہم کو بخش دے
محشر کے دن یہ عرض کریں گے خدا سے ہم
دیکھیں گے جگمگاتا ہوا چہرۂ حیات
کام آئینہ کا لیں گے ترے نقش پا سے ہم
جس خاک پا سے عرش بریں کو شرف ملا
رہبرؔ میں سر بلند اسی خاک پا سے ہم
٭٭٭
انیس کیفیؔ (راویر)
زمیں سے آسماں تک نور پھیلا ہے محمد کا
ستارے ، چاند، سورج میں اجالا ہے محمد کا
مہک اٹھی فضا ایک بوند کی تاثیر کیا کہنے
پسینہ مشک سے بڑھ کر مہکتا ہے محمد کا
پہنچ کر مسجد اقصیٰ میں نبیوں کی امامت کی
نمایاں دو جہاں میں کیسا رتبہ ہے محمد کا
شب معراج میں رب نے کہا آؤ چلے آؤ
لئے نعلین پہنچے اعلیٰ درجہ ہے محمد کا
گنہ گارو! وسیلے سے دعا مانگو جہاں چاہو
مدینہ بھی محمد کا وہ مکہ ہے محمد کا
کہاں سے لاؤں میں تشبیہ کے الفاظ اے کیفیؔ
نہیں ثانی کوئی رب نے بتایا ہے محمد کا
٭٭٭
شان عالمؔ مسعودی (بہرائچ)
آئی شمیم زلف پیمبر اللہ اکبر اللہ اکبر
بھول گیا میں مشک و عنبر اللہ اکبر اللہ اکبر
کوئی نہیں آیا ازل سے اور نہ اب آئے گا ابد تک
آپ کا ثانی آپ کا ہمسر اللہ اکبر اللہ اکبر
بیٹھا ہوا ہوں محو تصور دور ہٹو بے کیف نظارو
پیش نظر ہے روضہ اطہر اللہ اکبر اللہ اکبر
چاند پہ جاؤ شوق سے لیکن تھام لو دامن پہلے ان کا
ہو کے جو آئے چاند سے اوپر اللہ اکبر اللہ اکبر
جس نے ہیرے موتی بانٹے خود اس کے گھر کا یہ عالم
ٹاٹ کا بستر پیٹ پہ پتھر اللہ اکبر اللہ اکبر
پہنچے جہاں پر رحمت عالم کوئی بشر کیا پہنچے گا
جل جائیں جبریل کے شہپر اللہ اکبر اللہ اکبر
فرش زمیں پر ساتھ رہے یوں پیارے نبی کے پیارے صحابہ
جیسے فلک پہ ماہ و اختر اللہ اکبر اللہ اکبر
اب تو بلا لو شاہ مدینہ بیٹھا ہے کب سے آس لگائے
شان عالمؔ آپ کا احقر اللہ اکبر اللہ اکبر
٭٭٭
تشکر: شرف الدین ساحل، ناگپور
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
قرطاس
مدیر: محمد امین
مئی جون 2006
نام کتاب : ’’گنجا نامہ‘‘ (ادب الاطفال)
نام کتاب : ’’گنجا نامہ‘‘ (ادب الاطفال) مصنف :عادل اسیر دہلوی
مبصر :منظور عثمانی
عادل اسیر موجودہ دور میں شفیع الدین نیر کے بعد ادب الاطفال کے سلسلے میں سب سے معتبر نام ہے۔ایک معنون میں ان کی ادبی کاوشیں نیر سے بھی زیادہ لائق تحسین ہیں کیونکہ ان کی پشت پر جامعہ جیسا ادارہ اور ’’پیام تعلیم‘‘ جیسا رسالہ بھی نہیں۔ چنانچہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں صرف اپنے بل بوتے پر ہیں۔ وہ آرمڈچیئر رائٹر (Armed chair) نہیں بلکہ بہ یک وقت مصنف، فنانسر، پبلیشر اور سیلز مین بھی ہیں۔
عادل اسیر کے لیے زندگی پھولوں کی سیج کبھی نہیں رہی۔ نامساعد حالات نے اتنی فرصت بھی نہیں دی کہ وہ یکسوئی کے ساتھ تعلیم ہی مکمل کر سکیں۔ آج اگر وہ ایم اے ہیں تو یہ ان کی ذاتی تگ و دو اور حوصلہ مندی کا انعام ہے۔ وہ دراصل ’’دانش گاہ دہر‘‘ کے سندیافتہ ہیں۔ اسی لیے ان کے پیر سدا زمین پر ٹکے رہے ہیں۔ ان کی حقیقت پسند نگاہ نے انہیں یہ باور کرا دیا کہ صنف اطفال کی طرف سے بے جا اور غیر فطری چشم پوشی کی گئی ہے۔
بہت پہلے ہندوستان کی تعلیمی پالیسی پر کسی انگریز ماہر تعلیم نے رائے زنی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے کہ بھارت میں گاؤں ہیں ہی نہیں۔ کچھ ایسا ہی احساس بچوں کے ادب کی طرف سے اردو ادیبوں کی عدم توجہی کو دیکھ کر بھی ہوتا ہے۔ اس رویہ کا اس سے بہتر ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ نیشنل کونسل فارپرموشن آف اردو لینگویج کی ۹۰۰ کے قریب مطبوعات میں جو تقریباً ۸۰ کتابیں بچوں کے ادب پر شائع ہوئی ہیں ان میں بیشتر دوسری زبانوں کے تراجم ہیں۔ (جو نہ اردو پڑھنے والے بچوں کے ماحول سے مطابقت رکھتی ہیں اور نہ مزاج سے) اور اگر ان کتابوں کے حجم پر نگاہ کی جائے وہ کونسل کے ذریعے شائع کی گئی دو چار لغات کے ہم پلہ بھی نہیں (جن کی صحت پر آئے دن اخبارات میں انگلی اٹھتی رہتی ہے) انجمن ترقی اردو(ہند) کا دامن تو یکسر خالی ہے۔ اس کے لیے اس ادارہ کے ارباب حل و عقد سے بصد احترام دریافت کر نے کو جی چاہتا ہے کہ ’’بھلے لوگو! فروغ اردو میں بچوں کے ادب پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے کیا؟‘‘
شاید اس صنف سے اس بے مثال لاپرواہی کاہی اثر ہے کہ ہم نہ اسماعیل میرٹھی نہ افسر میرٹھی اور نہ ہی شفیع الدین نیر کی روایت کو باقی رکھ پائے ہیں۔ آج غنچہ اور کھلونا جیسے معیاری رسائل ناپید ہیں۔ چند رسائل جو ادب اطفال کو فروغ دینے میں کوشاں ہیں وہ لگتا ہے جیسے ہاری ہوئی جنگ کے محاذ پر ہیں۔ مکتبہ جامعہ جس نے ڈاکٹر ذاکر حسین کی ایما پر اس میدان میں قابل قدر کام کیا تھا وہ شاہد علی خاں کی طرح بوڑھا ہو چکا ہے۔
اطمینان کی بات ہے کہ عادل اسیر نے اس کمی کو شدت سے محسوس کیا ہے۔ انھوں نے اپنے بل بوتے پر اسے پورا کر نے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ وہ اس فرض کو اپنے محدود وسائل کے باوجود نبھانے کی جی توڑ کوشش کر رہے ہیں ، جسے دوسرے محبان اردو نے غیر ضروری جان کر قابل اعتنا نہ سمجھا، وہ اپنے قلم اور ادارے کے ذریعے بیش بہا خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی بچوں پر کتابوں کی تعداد تیس سے زیادہ ہے۔ جن میں سے چھ مختلف کتابوں کو ہندوستان کی بعض اردو اکیڈمیوں نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انعامات سے نوازا ہے۔ شکر ہے کہ وہ جوان ہیں اور ان کے عزائم ان سے بھی جوان تر۔ ان کی ان کتابوں کو پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی صلاحیتیں کتنی ہمہ جہت ہیں۔ ان میں کہانیاں ، پہیلیاں ، کہہ مکرنیاں ، رباعیاں ، ماہیے ، دوہے ، نعتیں ، نظمیں ، گیت اور تراجم شامل ہیں۔ مثلاً امیر خسرو کی پہیلیاں ، گلستاں کی کہانیاں ، بیربل کی کہانیاں ، بچوں کی رباعیاں ، بچوں کے گیت، بچوں کی نظمیں ، بچوں کے دوہے ، بلے بلے (بچوں کے ماہیے)، آ سہیلی بوجھ پہیلی(کہہ مکرنیاں) گلدستہ نعت وغیرہ ان کی لگن، ذوق و شوق اور انہماک کو دیکھتے ہوئے یقین کامل ہے ، بقول شاعر:
مجھ کو جانا ہے بہت اونچا حد پرواز سے
عادل اسیر کے یہاں ترسیل کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ان کی حقیقت شناس نظروں سے یہ حقیقت اک لمحے کے لیے بھی اوجھل نہیں ہوتی کہ وہ بچوں کے ادیب و شاعر ہیں اور ان کے مخاطب بچے ہیں۔ وہ بات سادگی سے کہنے کا فن خوب جانتے ہیں۔ ان کی تحریروں میں دل سے اٹھ کر دل پر پڑنے کی تاثیر ہے۔ بچوں کے لیے لکھی کتابوں کے لیے انھیں ان کی ذہنی سطح پر لانے کے لیے ہلکا پھلکا اور کم سے کم بوجھل انداز بیاں درکار ہوتا ہے۔ ادب اطفال میں یقیناً اخلاقی سطح پران کی ذہنی تربیت مقصود ہوتی ہے۔ لیکن جب تک انداز بیان دلچسپ، آسان اور قابل فہم نہ ہو تو بات بنتی نہیں۔ عادل کی مقبولیت کا راز اسی نکتہ میں پنہاں ہے۔
عادل اسیر حسن مزاح کی خداداد نعمت سے بہرہ ور ہیں۔ زیر نظر ان کی معرکۃ الآرا تخلیق ’’گنجا نامہ‘‘ اس کی منہ بولتی مثال ہے۔ اسے اگر ان کا شاہکار کہا جائے تو شاید غلط نہ ہو گا۔ گنجوں سے متعلق لطائف و واقعات کو اتنی سادگی و پرکاری سے نظم کر دینا واقعتاً انہی کا حصہ ہے۔ یہ قاری کے لیے تفریح طبع کا سامان ہی نہیں زبان و یبان پران کی شاعرانہ قدرت کا ثبوت بھی فراہم کرتی ہے۔ ’’گنجا نامہ‘‘ میں کچھ دلچسپ مثالیں ملاحظہ ہوں :
(۱) ’’گنجا یتیم‘‘ میں ایک مولانا نے یتیموں کے ساتھ حسن سلوک کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا:یتیم کے سر پر ہاتھ رکھنے سے اتنی نیکیاں ملتی ہیں جتنے اس کے سر پر بال۔ اس پر اعتراض سنئے :
اک دہاتی اٹھ کے بولا، ہے ثواب اس میں عظیم
مولوی جی کیا کریں جب گنجا ہو کوئی یتیم
(۲) ماں بچے کے باپ کے سر پر بال نہ ہونے کا جواز یہ پیش کرتی ہے کہ کیونکہ تمہارے ابو ذہین ہیں اور دماغی کام کرتے ہیں اس لیے ان کے بال اڑ گئے۔ اس پر بچہ کیا دلچسپ اور معنی خیز نتیجہ اخذ کرتا ہے۔ سنئے :
اب سمجھ میں آ گیا ہے پیاری امی یہ سوال
آپ کے سر پر ہیں کیوں یہ ڈھیر سارے لمبے بال
(۳) نظم ’’خالی مکان‘‘ میں بیوی شوہر کے گنجے پن کا مذاق اڑاتی ہے تو پلٹ کر وار کرتے ہوئے شوہر کہتا ہے :
میرے سر پر کچھ نہیں تو تیرے سر میں کچھ نہیں
چھت مری خالی ہے تو کیا تیرے گھر میں کچھ نہیں
(۴) بیوی دعویٰ کرتی ہے اپنی سہیلیوں سے کہ میرے شوہر کا کوئی بال بھی بانکا نہیں کر سکتا۔ کیونکہ:
اے مری ہمجولیو! ہیں گنجے بے چارے میاں
(۵) ’’چھوٹی سی بات‘‘ میں لیڈر پبلک سے دوران تقریر کہتا ہے کہ میں کیا نہیں کر سکتا۔ اس پر ایک آواز آتی ہے : ’’آپ کنگھا کر نہیں سکتے جناب‘‘
(۶) میزبان کا بچہ ہنستے ہوئے گنجے مہمان کو اطلاع دیتا ہے کہ آئینہ، صابن، تولیے کے ساتھ ساتھ:
’’آپ کے کمرے میں باجی رکھ گئی ہیں کنگھا بھی‘‘
مختصر یہ کہ ’’گنجا نامہ‘‘ ایک بے حد دلچسپ تخلیق ہے۔ اس کتاب کی خوبی یہ ہے کہ یہ ترسیل کا فرض پوری پوری طرح ادا کرتی ہے۔ ایسی کتابیں ہی بچوں کے ذوق کو مہمیز کرتی ہیں۔ دعا ہے :اللہ کرے زور قلم اور زیادہ
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)