افسانے، ناول و کہانیاں

قسط در قسط زندگی

مصنف: نصر ملک
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (53,622 الفاظ)

قسط در قسط زندگی

نصر ملک

اس کی ماں کی ماں

’’میری ماں اگر واقعی میں مجھ سے محبت کرتی ہوتی اور اسے اگر میری کچھ بھی قدر و قیمت کا احساس ہوتا تو پھر اسے میرے بچپن ہی میں ہی یوں اپنی زندگی ختم کر دینے کی کیا ضرورت تھی!‘‘ کارین تیز تیز قدم اٹھاتی گھر جا رہی تھی۔ ’’اسے یہ خیال بھی نہ آیا کہ اس کی بیٹی کا کیا بنے گا؟ وہ اگر واقعی مجھ سے محبت کرتی ہوتی تو کم از کم اتنا تو ضرور سوچتی، خود کشی تو نہ کرتی۔ ‘‘ کارین تیزی سے چلتی جا رہی تھی۔ ’’بہتر یہی ہے کہ سبینا کو اس بارے میں کبھی معلوم نہ ہو۔ ‘‘
اس شام گھر میں داخل ہوتے ہی کارین اپنی بیٹی کا منہ چڑھانے لگی تھی۔ سبینا حیران تھی کہ ماں کو کیا ہو گیا تھا۔ وہ مذاق سمجھ رہی تھی، لیکن اس کی شوخیوں نے کارین کو اور بھی غصہ دلا دیا تھا اور وہ بہانے بناتی ہوئی اُس پر برس رہی تھی۔ ’’سکول سے آ کر تم نے ابھی تک اپنا لباس بھی تبدیل نہیں کیا، تمھارے جوتے ڈرائنگ روم میں کیوں پڑے ہیں ؟ ذرا اپنے بال تو دیکھو!‘‘
سبینا خاموش ہو گئی تھی اور پھر اپنی چیزوں کو ٹھیک کر کے اپنے کمرے میں جا کر دروازہ بند کر کے بستر پر گر گئی تھی۔ اُدھر کارین بھی باورچی خانے میں مصروف ہو گئی تھی۔ اُس نے اپنے لئے کافی کی پیالی بنائی اور صوفے پر آن بیٹھی۔ ’’آج کا دن بھی بے کار کیفے ٹیریوں کی نذر ہو گیا۔ ‘‘ اُس نے سوچا۔ ’’میں کسی بھی طرح محض ’’بیکار عورت‘‘ نہیں ہوں، میرا بھی وجود ہے اور اس وجود کی اہمیت بھی! میں کوئی لایعنی چیز نہیں ہوں۔ ‘‘ وہ سوچ رہی تھی۔ ’’میرے ساتھ جو سلوک میری ماں نے کیا ہے میں وہ کبھی بھی سبینا کے ساتھ نہیں کروں گی۔ ۔ ۔ ۔ سبینا میری بچی!‘‘
سبینا اب اپنے کمرے سے آنکھیں ملتی ہوئی ڈرائنگ روم میں آ گئی تھی اور باتھ روم کی طرف جاتے ہوئے اُس نے بڑی گہری نگاہوں سے ماں کو دیکھا۔ ان دونوں کی آنکھیں چار ہوتے ہی کارین نے اپنی نظریں جھکا سی لی تھیں اور سبینا باتھ روم میں چلی گئی تھی۔ ’’اس میں سبینا کا کیا دخل ہو سکتا ہے جو زندگی مجھ سے یوں بیزار ہے۔ ‘‘ کارین ابھی تک گردن جھکائے ہوئے تھی۔ کافی کی پیالی کا اُسے احساس ہی نہ رہا تھا۔
باتھ روم سے نکل کر سبینا پھر اپنے کمرے میں جا کر بستر پر لیٹ گئی تھی۔ کچھ دیر بعد کارین اپنی جگہ سے اٹھی اور اس کے کمرے کے دروازے پر ہلکی سی دستک دیتے ہوئے، جواب کا انتظار کئے بغیر اندر داخل ہو گئی اور جاتے ہی سبینا کو اپنی بانہوں میں جکڑ کر اس کے ساتھ لیٹ گئی تھی۔ سبینا نے پہلے تو بڑی شدت کے ساتھ خود کو اس کی بانہوں سے آزاد کرانے کے لئے زور لگایا لیکن پھر خود ہی اس کے ساتھ چمٹ گئی۔ اور آہستہ آہستہ سسکیاں بھرنے لگی۔ ’’نہیں میری ننھی شہزادی میرا مقصد غصّے ہونا نہیں تھا، کبھی ماں بھی ۱پنی اولاد سے ناراض ہو سکتی ہے، نہیں ! نہیں، میری بچی!!‘‘ کارین، سبینا کے لمبے سنہری بالوں میں انگلیاں پھیرتے ہوئے خود کلامی کے انداز میں بولے جا رہی تھی۔ سسکیاں بھرتے بھرتے، تھوڑی دیر کے بعد جب سبینا کی آنکھ لگ گئی تو کارین بڑی آہستگی کے ساتھ اُٹھ کر، چپکے سے ڈرائنگ روم میں آ گئی۔
اُس نے الماری میں سے وائین کی ایک بوتل نکالی اور اسے کھول کر ایک گلاس وائین سے بھرکر ہوا میں بلند کیا۔ ۔ ۔ ۔ ’’چیئرز کارین!‘‘ اپنے آپ سے مخاطب ہوتے ہوئے اس نے پورا گلاس ایک ہی گھونٹ میں خالی کر دیا اور بوتل سے پھر گلاس میں وائین انڈیل لی۔ وہ کافی دیر یوں ہی بیٹھی، خلا میں گھورتی وائین پیتی رہی۔ اس رات وہ صوفے پر ہی سو گئی تھی۔
رات کے پچھلے پہر جب اُس کی آنکھ کھلی تو اُسے اپنا گلا خشک ہوتا محسوس ہوا۔ اس نے بوتل میں بچی کھچی وائین گلاس میں انڈیل کر اس سے اپنا حلق تر کیا۔ اُسے اپنے کاندھوں پر اپنا سر بہت بھاری لگ رہا تھا۔ ’’مجھے اپنے آپ پر قابو رکھنا چاہیے۔ ‘‘اس نے وائین کی خالی بوتل کو دیکھتے ہوئے سوچا۔ اب وہ پھر صوفے پر ہی لیٹ گئی تھی۔ ’’تمھیں ہمیشہ اپنے آپ کو ایک اچھی لڑکی ثابت کرنا چاہیے۔ ‘‘ نجانے اسے اپنی ماں کی یہ نصیحت اس وقت کہاں سے اور کیسے یاد آ گئی تھی۔ ’’ایک اچھی لڑ کی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ انہی خیالوں میں وہ ایک بار پھر سو گئی تھی۔
جیسا کہ یہ روزمرہ کا معمول بن چکا ہوا تھا۔ آج صبح بھی اُسے سبینا ہی نے جگایا تھا۔ جونہی کارین نے آنکھیں کھولیں اور سامنے کھڑی سبینا کے چہرے کو دیکھا تو وہ اس سے آنکھیں ملانے کی تاب نہ لا سکی۔ اُسے یوں لگا جیسے نو سالہ سبینا کی آنکھیں اُسے بہت کچھ کہہ رہی تھیں۔ کہہ کہا وہ تو شاید اُسے ملامت کر رہی تھیں۔ ۔ ۔ ۔ ’’شرم کرو، شرم ! ماں تم نے اپنا کیا حال بنا رکھا ہے؟ تم نے تو کہا تھا کہ تم رات کو اب وائین نہیں پیو گی! اپنی اس حالت کی تم خود ذمہ دار ہو، تم خود ماں !‘‘ ننھی سبینا شراب کی بوتل کو گھورتی ہوئی باتھ روم کی طرف چل دی تھی۔ سبینا نے جن نگاہوں سے اپنی ماں کو دیکھا تھا اس کا مطلب تو صاف ظاہر تھا لیکن، کارین کو اُن کے پیچھے چھپی ہوئی بیکراں محبت کا بھی احساس تھا۔ ’’ایک بیٹی کی اپنی ماں کے لئے محبت!‘‘
سبینا باتھ روم سے فارغ ہو کر اب ڈرائینگ روم میں آ چکی تھی اور اپنی ماں کو بازوؤں سے پکڑ کر اُسے اوپر اُٹھانے کی کوشش کر رہی تھی۔ ’’تم نشے میں ہو، سبینا بولی اور پھر اُسے چھوڑ کر اپنے میں چلی گئی۔ ایسا ہر روز ہی ہوتا تھا۔ کارین اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے اب باتھ روم کی طرف جا رہی تھی اور جونہی اس کی نظریں وہاں آئینے پر پڑیں اُسے اپنی صورت سے وحشت سی ہونے لگی۔ کھلے بے ترتیب سے بال، لال سرخ سوجھی ہوئیں آنکھیں اور اُن کے گرد نیلگوں مائل سیاہ حلقے۔ وہ بڑی مشکل سے سنبھلنے کی کوشش کر رہی تھی لیکن اپنا آپ برقرار نہ رکھ سکی اور دھڑام سے نیچے گر گئی تھی۔ اس کے گرنے کی آواز سن کر سبینا دوڑتی ہوئی باتھ روم میں آئی اور اسے اوپر اُٹھانے لگی۔ ’’میں تمھاری مدد کرتی ہوئی ماں ! چلو تم اپنا چہرہ تو دھولو۔ ‘‘ وہ ماں کو سہارا دے کر اوپر اُٹھاتے ہوئے بولی۔
کارین کو اپنی حالت سے زیادہ ننھی بیٹی پر رحم آنے لگا تھا، لیکن وہ تو خود ابھی تک نیچے گری ہوئی تھی۔ ’’نہیں میری بیٹی، یہ بڑوں ہی کا کام ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں تم سے تمھارا بچپنا ہرگز نہیں چھیننا چاہتی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم بچی ہو اور تمہیں ابھی بچی ہی رہنے کا مکمل حق ہے۔ ‘‘ کارین غوں غان کر رہی تھی۔ اس کی آنکھوں کے سامنے بالکل وہی منظر اُبھر آیا تھا جب وہ خود سبینا کی عمر کی تھی اور اپنی ماں کی اسی طرح مدد کیا کرتی تھی جس طرح آج اُسے سبینا سہارا دے رہی تھی۔
’’میں نے واقعی میں اپنے آپ کو بیوقوف اور پاگل بنا رکھا ہے۔ ‘‘ اب وہ اُٹھ کر بیٹھ چکی تھی اور سبینا کے چہرے کو اپنے ہاتھوں میں لئے ہوئے تھی۔ ’’میں تم سے وعدہ کرتی ہوں کہ آئندہ ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ اب تم مجھے چھوڑو اور اپنے سکول جانے کی تیاری کرو، کیا تم نے ناشتہ کر لیا ہے؟‘‘ وہ اپنے چہرے پر پانی کے چھینٹے ڈالتے ہوئے بولی۔
’’ماں تمہیں پتہ بھی ہے اب دس بج چکے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ اب سکول جانے کا فائدہ؟‘‘ سبینا بولی۔ ’’میں تمھارے ساتھ گھر ہی پر رہوں گی، سکول جا کر اپنا مذاق کیوں اُڑواؤں !‘‘ یہ کہہ کر وہ باتھ روم سے باہر چلی گئی۔ کارین کے پاس اُس سے بحث کرنے کے لئے نہ تو الفاظ تھے اور ہی کوئی ہمت۔ وہ سبینا سے کسی بھی طرح الجھنا نہیں چاہتی تھی۔ وہ آئینے کے سامنے کھڑی آنسو بہا رہی تھی اور، جب آنسوؤں کی دھندلاہٹ کم ہوئی تو اُس نے آئینے میں بڑے غور سے اپنے چہرے کا جائزہ لیا اور پھر اپنے سراپے پر ایک نظر ڈالی۔ وہ بتیس برس کی تھی لیکن اس کا طور طریقہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ آگے کچھ سوچنے ہی والی تھی کہ اسے سبینا کا خیال آ گیا۔ ’’سبینا، میری بچی! تم کتنی مددگار ہو، مجھے خود اگر اپنے لئے نہیں تو کم از کم تمھارے لئے خود کو اب ضرور بدلنا ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ سبینا، میری بیٹی، میں اپنے آپ کو بدلوں گی!‘‘
کارین اب باتھ روم سے ڈرائینگ روم میں آ گئی تھی جہاں سبینا پہلے ہی سے بیٹھی ہوئی تھی۔ ’’یہ کتنی شرم کی بات ہے کہ تم سکول نہیں گئی ہو۔ ‘‘ وہ وائین والا خالی گلاس میز سے اُٹھاتے ہوئے بولی۔ اس کے لہجے میں کرختگی ضرور تھی لیکن محبت کا عنصر غالب تھا۔ ’’مجھے چند گھنٹوں کے لئے باہر جانا ہے لیکن میں تم کو ساتھ نہیں لے جا سکوں گی مجھے ’’ایمپلائمنٹ بیورو‘‘ میں جانا ہے۔ ‘‘
’’یہ ’’ایمپلائمنٹ بیورو‘‘ کیا ہوتا ہے؟‘‘ سبینا نے پوچھا۔
’’ایسی جگہ جہاں ملازمت کے لئے لوگوں کو کام دلوایا جاتا ہے۔ ‘‘ وہ بولی۔
’’کیا تم نے وہاں کوئی وقت لے رکھا ہے؟‘‘ سبینا کے لہجے میں تجسس تھا۔
کارین ہاں کہنے ہی والی تھی کہ اچانک سوچتے ہوئے بولی ’’نہیں، میں نے وقت تو نہیں لے رکھا۔ ‘‘
’’تو پھر میں بھی تمھارے ساتھ جاؤں گی۔ ‘‘ سبینا زور دیتے ہوئے بولی۔ کارین کو یوں محسوس ہوا جیسے اُس کے اندر کا چور پکڑا گیا ہو۔ سبینا اُس پر یقین نہیں کر رہی تھی کہ وہ واقعی ہی ’’ایمپلائمنٹ بیورو‘‘ ہی جانا چاہتی تھی۔ اب اس بندریا کو بھی ساتھ ہی لے جانا ہو گا۔
بیورو کی طرف جاتے ہوئے کارین نے راہ میں کئی بار سوچا کی کسی کیفے یا بار میں بیٹھ کر اگر وہ ایک گلاس وائین یا بیئر پی لے تو شاید اس طرح اُس کا اعصابی تناؤ نہیں رہے گا۔ لیکن جب بھی وہ کسی بار یا کیفے کی طرف مڑنے لگتی، سبینا اُسے آگے کھینچ لیتی۔ ’’ماں، ماں ! ہمیں جلدی چلنا چاہیئے۔ ‘‘ وہ اس کی ٹانگوں سے لپٹ جاتی۔
ایمپلائمنٹ بیورو میں کارین کی توقع سے بھی کہیں زیادہ مہربان قسم کے لوگ تھے۔ لیکن اس نے جب ملازمت کے لئے اُن سے اپنی خواہش کا اظہار کیا تو وہ اس کی قابلیت کے مطابق اُسے کسی بھی روزگار کی پیشکش نہ کر سکے۔ وہ نہ تو تربیت یافتہ نرس تھی اور نہ ہی ایسی کہ کسی فیکٹری میں کام کر سکے۔ بیورو کے ایک ملازم نے اُسے ایک جگہ دفتری کلرک کی عارضی خالی آسامی پُر کرنے کے لئے وہاں جانے کا مشورہ دیا، اور اس کے سامنے ہی اُس دفتر میں فون بھی کر دیا جہاں اگلے روز کارین کو کام کے لئے ’’رپورٹ‘‘ کرنا تھی۔ ننھی سبینا اچھل اچھل کر اپنی خوشی کا اظہار کر رہی تھی کہ اس کی ماں کو ملازمت ملنے والی تھی۔
بیورو سے باہر نکلنے کے بعد، واپس گھر جاتے ہوئے، کارین کو پھر کسی کیفے یا بار میں جانے اور وائین پینے کا خیال آیا۔ ’’اس طرح تھکن بھی دور ہو جائے گی‘‘ اس نے سوچا لیکن، جونہی وہ ایک بار کے دروازے سے اندر داخل ہونے لگی سبینا نے اس کا بازو کھینچ لیا ’’ماں ! ہمیں گھر جانا ہے، یہ تو شرابیوں کی جگہ ہے!‘‘ کارین کچھ بھی نہ بول سکی اور پھر چلنے لگی۔
گھر پہنچتے ہی سبینا نے کھانے کے لئے شور مچانا شروع کر دیا تھا اور کارین نے وائین کی بوتل کھول لی تھی۔ ’’تم تب تک کچھ نہیں پیؤ گی جب تک مجھے پہلے کھانا نہیں دو گی۔ ‘‘ سبینا وائین کی بوتل اُٹھا کر اپنے کمرے کی طرف بھاگنے ہی لگی تھی کہ پھسل کر فرش پر گر پڑی، بوتل سے وائین بہہ کر فرش پر پھیل رہی تھی۔ کارین نے بڑے غصّے میں اچانک سبینا کو تھپڑ دے مارا اور وہ روتی، چیختی، بڑبڑاتی اپنے کمرے میں جا کر بستر پر جا گری۔
اب فرش صاف کرتے ہوئے، کارین خود بھی رو رہی تھی۔ گھر میں وائین کی یہ آخری بوتل تھی اور وہ خوب جانتی تھی کہ وائین کے بغیر اُس کے لئے رات گزارنا کتنا مشکل تھا۔ فرش صاف کرنے کے بعد اُس نے سبینا کے کمرے میں جھانکا۔ سبینا سسکیاں بھر رہی تھی اور غالباً اُسے اپنے کمرے میں اب ماں کی موجودگی کا پتا ہی نہیں تھا۔ کارین نے چپکے سے باہر نکل کر آہستہ سے دروازہ بند کر دیا۔ ’’سو گئی ہے شاید۔ ‘‘ اس نے سوچا اور صوفے پر بیٹھتے ہوئے، فرش کو دیکھنے لگی۔ اسے اپنا گلا خشک محسوس ہو رہا تھا اور ہاتھ کانپنے سے لگے تھے۔ وہ فرش سے بوتل اٹھانا بھول گئی تھی۔ اب وہ خود کلامی کے سے انداز میں بڑبڑا رہی تھی۔
’’ماں، تمھیں خود کشی کرنی ہی تھی تو مجھے جنم دینے کی وجہ کیا تھی؟ فلیمنگ!حرامی سؤر!! تو سبینا کی پیدائش تک بھی میرا ساتھ نہ رے سکا اور مجھے اکیلا چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ ‘‘ اسے اپنی ماں، اپنی طویل بیروزگاری، تنہائی اور ماں کی بے وفائی اور فلیمنگ کی طرف سے دھتکار دیئے جانے کے احساس اور سبینا سے بے توجہی برتنے کی فکر نے جکڑ لیا تھا۔ اس نے ٹانگ بڑھا کر فرش پر گری بوتل کو اپنی طرف لڑھکایا اور پھر کچھ دیکھے سوچے بغیر اس کو منہ سے لگا لیا۔ وائین کے چند بچے کھچے قطرے اس کا حلق تر کرنے کے لئے کافی نہ تھے۔
وہ اپنی جگہ سے اُٹھی اور سبینا کے کمرے میں جا کر اُس پر ایک کمبل اوڑھ دیا۔ سبینا کے گال ابھی تک آنسوؤں سے تر تھے۔ ’’سبینا میری بیٹی،۔ ۔ ۔ مری ہمدرد!‘‘ کارین نے کمرے کا دروازہ بند کرتے ہوئے خود کلامی کی۔ اسے یہ بھی یاد نہیں تھا کہ سبینا نے کچھ کھایا بھی تھا یا نہیں۔
اب وہ اپنے محلّے کی بار میں بیٹھی وہسکی کا ایک ڈبل پیگ پی رہی تھی۔ ایک اور ڈبل پیگ اور پھر ایک اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اسے سبینا کا گھر پر اکیلے ہونے کا خیال بھی آیا لیکن اسے یقین تھا کہ وہ سو ہی رہی تھی۔ وہسکی کا ایک پیگ اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’صبح دس بجے‘‘۔ ۔ ۔ اسے خیال آیا کہ اُسے تو اُس کمپنی کے دفتر جانا ہے جہاں ’’ایمپلائمنٹ بیورو‘‘ والوں نے اُس کے لئے عارضی ملازمت کا بندوبست کیا تھا۔ ایک اور وہسکی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب وہ پوری طرح نشے میں جھول رہی تھی۔ اُسے یہ بھی یاد نہیں تھا کہ اتنی جلدی میں وہ کتنے پیگ چڑھا چکی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ماں، فلیمنگ، تنہائی، بیروزگاری، سبینا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اُس نے گلاس سے وہسکی کا آخری گھونٹ پیا اور گھر واپس جانے کے لئے لڑکھڑاتی، ہچکولے کھاتی ہوئی، بار کے دروازے سے باہر نکل آئی۔ اُسے اپنے آپ کو بحال رکھنا مشکل ہو رہا تھا بلکہ ایسا کرنا اب اُس کے بس ہی میں نہیں رہا تھا۔
اُس کے پاؤں بری طرح سے لڑ کھڑا رہے تھے اور چلتے چلتے وہ کبھی دائیں تو کبھی بائیں جانب لڑھک جاتی تھی اور ایک بار تو وہ منہ کے بل گرتے گرتے بچی۔ وہ مین روڈ کے بیچوں بیچ سے گزر کر بائیں جانب والی گلی میں موڑ مڑنے ہی والی تھی کہ سامنے سے آتی ہوئی ایک تیز رفتار کار اسے ٹکر مارتی ہوئی کچھ آگے جا کر رک گئی تھی۔
دوسرے دن گیارہ بجے کے قریب کارین کے گھر فون کی گھنٹی مسلسل بج رہی تھی۔ یہ بیورو والے تھے جو جاننا چاہتے تھے کہ وہ ابھی تک کام پر کیوں نہیں پہنچی تھی۔ سبینا بھی گھر پر نہیں تھی۔ پولیس اور سماجی
فلاح کے ادارے والوں نے اُسے وقتی طور پر اپنے ’’بہبود و تحفظِ اطفال‘‘ کے ادارے والوں کے سپرد کر دیا تھا۔
٭٭٭

ساعتِ نزول



ہنرک نے اپنے بائیں ہاتھ پڑی کیتلی سے چائے انڈیلی اور پیالی گاہک کو تھما دی۔
بار کے عین سامنے بیٹھی ہوئی ایک عورت اپنی ساتھی عورت کو ایک ’’تجرباتی آرٹ گیلری‘‘ میں اپنی نئی ملازمت کے متعلق بتا رہی تھی۔ ایک آدمی نے گردن بڑھائی اور انہیں ’’جیز میوزک‘‘ کی دھنوں پر رقص کرنے کے لئے پاؤں کی جنبشوں کے بارے میں بتانے لگا۔
جینز کی آدھ پھٹی پتلون پہنے، کالج کے طالب علموں کی طرح دکھائی دینے والا ایک نوجوان، اندر داخل ہوا اور سیدھا اُس میز کی طرف بڑھ گیا جہاں فنونِ لطیفہ اور ادب و آرٹ کے رسائل و جرائد پڑے تھے۔ اُس نے اپنی پتلون کی پشت والی جیب سے تہہ کیا ہوا ایک چھوٹا سا پمفلٹ نما رسالہ نکالا، اسے میز پر رکھا اور وہاں سے ایک نیا رسالہ اُٹھا کر کوٹ کی اندرونی جیب میں ڈالا اور جس راستے سے کیفے ٹیریا میں داخل ہوا تھا، اسی راستے سے باہر نکل گیا۔ کسی نے اُس کی موجودگی محسوس ہی نہیں کی تھی۔
اُن دونوں عورتوں نے اپنے لئے ’’بلیک گولڈ‘‘ بیئر کے دو بڑے گلاسوں کا آرڈر دیا تھا۔ اُدھر ان سے ہٹ کر دروازے کے ساتھ والی ایک میز پر بیٹھیں سرخ لمبی جرابوں والی دو ’’لزبین‘‘ عورتوں کا موضوع گفتگو تنخواہوں میں اضافوں کے بارے میں، پارلیمنٹ میں جاری سیاسی بحث و مباحثہ تھا۔
ہنرک بار کے پیچھے کھڑا سوچ رہا تھا -------’’کیا میں بھی کوئی انسان ہوں ؟ سارا وقت ایک ’’ربوٹ‘‘ کی طرح محض اِدھر سے اُدھر تھوڑی سی جگہ میں کام کاج کی غرض سے متحرک رہتا ہوں، اور بس!‘‘ اُس نے اپنے آپ کا جائزہ لیا اور ایک گلاس اُٹھا کر ابھی برتن دھونے والی مشین میں رکھنے ہی والا تھا کہ اس کی نظر سامنے بیٹھے ہوئے،مصوروں، دانشمندوں، ادیبوں اور شاعروں کی منڈلی پر پڑی۔ ’’یہ بھی تو روبوٹ ہی ہیں !‘‘ ہنرک نے سوچا۔ ’’میری ہی طرح کے ربوٹ، ان کا کام بس بیٹھے رہنا ہے، نہیں، نہیں ! یہ تو تخلیق کار ہیں، مصوری کے، شاعری کے، ادبی شاہپاروں کے تخلیق کار!! -------- نت نئی جہتیں تلاش کرنے والے، ذرّے کو آفتاب بنانے والے، یہ ربوٹ۔ ‘‘ ابھی وہ کچھ آگے بھی سوچنے ہی والا تھا کہ یکایک دروازہ کھلا اور ایک ہشاش بشاش شخص کیفے ٹیریا کے اندر داخل ہوا۔ وہ اِدھر اُدھر نگاہ گھماتے ہوئے اب ایک کرسی کھینچ کر اُس پر بیٹھ چکا تھا۔ وہ کیفے ٹیریا کی دیواروں پر لگے ہوئے معروف عالمی دانشوروں، ادیبوں، شاعروں، موسیقاروں اور مصوروں کی تصویروں والے پوسٹروں کو دیکھ رہا تھا اور پھر اچانک اس کی نگاہ بار کے پیچھے کھڑے ہنرک پر پڑی تو گویا وہیں رک گئی۔
گلاس ابھی تک ہنرک کے ہاتھ ہی میں تھا کہ ایک خاتون بار کے عین اُدھر اُس کے سامنے آن کھڑی ہوئی۔ ’’تمھارا ستارہ کونسا ہے؟‘‘ اس نے ہنرک سے مسکراتے ہوئے پوچھا۔
’’برج!‘‘ ہنرک بولا اور بار کے اوپر، سجاوٹ کے لئے لٹکائے ہوئے ترازو کے ایک پلڑے میں گلاس رکھ دیا جس سے ترازو کا دوسرا پلڑا بہت ہی اوپر اُٹھ گیا۔ اب وہ خود ایک ’’سلائس‘‘ پر مکھن لگا رہا تھا۔
مضبوط قدو کاٹھ کے دو ہٹّے کٹّے نوجوان کسی طوفانی بگولے کی مانند دروازے سے اندر داخل ہوئے۔ انہوں نے آگے بڑھ کر ایک خالی میز کو مل کر اوپر اٹھایا اور فرش پر دے مارا۔ اب وہ دونوں ایک دوسرے کے سامنے کھڑے یوں دیکھ رہے تھے گویا جانتے تھے کہ انہوں نے اپنا کام کر لیا تھا اور اب وہاں ٹھہرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ اُن میں سے ایک نے کیفے ٹیریا میں بیٹھے دانشوروں، مصوروں، ادیبوں اور شاعروں کی ٹولی کو کھا جانے والی نظروں سے دیکھا اور پھر پلک جھپکتے ہی اُن دونوں نے مل کر فرش پر گری ہوئی میز کو اوپر اٹھایا اور اُسے سیدھا کر کے رکھ دیا اور اس پر میز پوش بچھا کر اُسی طرح بگولے کی طرح باہر نکل گئے جیسے اندر آئے تھے۔
دانشوروں نے اپنے اپنے سر اُٹھا کر گھوم کر دروازے کی طرف دیکھا۔ اس کے پاٹ ابھی تک ہل رہے تھے۔ ’’کیا یہاں کوئی آیا تھا؟‘‘ بار کے پیچھے کھڑے ہوئے ہنرک نے ایک دانشور کو ایک ادیب سے بات کرتے ہوئے سنا۔ ’’کون تھے وہ؟ ‘‘ ہنرک نے سوچا، جن کو دانشور ’’کوئی‘‘ کہہ رہا تھا۔
ایک شاعر جو شام بھر سے اپنی ہی دھن میں، سب سے الگ تھلگ بیٹھا ہوا تھا۔ اُس نے اپنی جیب سے پائپ نکالا اور اس میں تمباکو بھرتے ہوئے بار میں سجی، مختلف شرابوں وا لی بوتلوں کو دیکھنے لگا تھا۔ تمباکو بھرنے کے بعد اُس نے پائپ کو ہونٹوں میں دبا کر سلگایا اور پھر ایک بھرپور کش لگا کر دھواں ہوا میں اُڑا دیا۔ ایک کش، دوسرا کش، دھواں، ایک اور کش، مزید دھواں، دھواں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ دھواں، اور دھواں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب اس نے اپنا پائپ میز پر رکھ کر ماچس کی ڈبیہ کوٹ کی جیب میں ڈال لی تھی۔ وہ اپنی جگہ سے اٹھا اور آہستہ آہستہ چلتے ہوئے بار پر جا کر کھڑا ہو گیا تھا۔
’’تمھیں کیا چاہیے؟‘‘ ہنرک نے شاعر سے پوچھا، جس کے نتھنوں سے ابھی تک پائپ کا بچا کھُچا دھواں نکل رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’کچھ ہی دے دو۔ ‘‘ وہ بولا۔
’’کچھ ہی دے دو!‘‘ ہنرک ایک گلاس اٹھاتے ہوئے زیرِ لب بڑبڑایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’پینا تو تم نے ہے نا!‘‘
’’ہاں، ہاں !‘‘ مجھے ہی پینا ہے۔ ’’شاعر قدرے زور دیتے ہوئے بولا۔ ’’تم کچھ ہی دے دو، میں پی لوں گا۔ ‘‘ اُس کی آواز میں قدرے لکنت تھی۔
’’تو کیا میں اسے ابلتا ہوا کوکا کولا دے دوں ؟‘‘
’’ نہیں، نہیں ! اس کے لئے تو چاکلیٹ کے بغیر’’کیپوچینو‘‘ کی ایک نیم گرم پیالی بہتر رہے گی یا پھر اسے ’’برننگ وائین‘‘ اور ’’کمپاری‘‘ کا مرکب پلانا چاہیے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں۔ ‘‘ خیالات بڑی تیزی سے ہنرک کے ذہن میں آ رہے تھے۔ ایسے تجرید پسند کے لئے تو سبھی شرابوں سے بنی ’’کاک ٹیل‘‘ اور اس پر ’’پاپکون‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں، ہاں !۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’پاپکون کاک ٹیل‘‘ کا ایک گلاس ہونا چاہیے۔ ‘‘
بار کے ساتھ کھڑی خاتون، جس نے ہنرک سے اُس کی قسمت کے ستارے کے بارے میں پوچھا تھا وہ بھی اخبار ایک طرف رکھتے ہوئے اب ہنرک کو بڑی حیرت اور تجسس سے دیکھ رہی تھی۔ اُس کے ہونٹوں پر اب ایک ہلکی سی مسکراہٹ ابھر آئی تھی۔
’’تو یہ لو، یہ رہی میری پسند!‘‘ ہنرک نے گلاس شاعر کے آگے بڑھاتے ہوئے کہا۔
’’یہ کیا ہے؟‘‘ اُس نے بڑی ہچکچاہٹ کے ساتھ گلاس پکڑ کر بار کے میز پر رکھتے ہوئے پوچھا۔
’’یہ!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ!!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ہنرک نے اُس کے کان میں ایک لمبی سرگوشی کی۔
’’اچھا تو یہ بات ہے!‘‘ شاعر گلاس اُٹھاتے ہوئے بڑی حیرانگی سے بولا۔ ’’چیئرز!‘‘
’’ہاں، چیئرز لیکن یہاں نہیں۔ تمھیں کہا تھا نا کہ تم اسے کیفے سے باہر لے جا کر پیو گے۔ دیکھو تو وقت‘‘ ہنرک نے دیوار پر لگے ہوئے کلاک کی طرف اشارہ کیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اُدھر باہر گلی میں۔ ‘‘
شاعر نے سو کرونر کا ایک نوٹ ہنرک کو دیا اور اپنا گلاس اٹھا کر واقعی باہر جانے کے لئے دروازے کی طرف چل دیا تھا۔ اُسے یاد ہی نہیں رہا تھا کہ وہ اپنا پائپ میز ہی پر چھوڑ گیا تھا۔
’’تم نے اس کے ساتھ یہ کیسا عملی مذاق کیا ہے؟‘‘ خاتون نے گہری مسکراتی آنکھوں سے دیکھتے ہوئے ہنرک سے پوچھا۔
’’مذاق! کیسا مذاق؟کیا میں مسخرہ دکھائی دیتا ہوں ؟‘‘ ہنرک بولا۔ ’’تمھارا اشارہ اگر ’’پاپکون کاک ٹیل‘‘ کی جانب ہے تو پھر شاید تم پہلی بار یہاں اس کیفے ٹیریا میں آئی ہو۔ جانتی نہیں ہو کہ یہ ’پاپکون کاک ٹیل‘‘ بنانے کا فارمولا پیرس کے کسی سیانے نے دریافت کیا تھا، لیکن رجعت پسندوں نے اسے قبول نہیں کیا تھا، مگر اس کے باوجود، جانتی ہو کہ اب یہ ’’پاپکون کاک ٹیل، ، پیرس میں جدیدیت پرستوں کا مقبول ترین مشروب ہے اور جدید آرٹ و ادب اور فنونِ لطیفہ کے کم و بیش سبھی کیفے ٹیریوں میں، دانشمند، سیانے، کیا ادیب کیا شاعر و مصور، سبھی اسے بڑے شوق و اشتیاق سے پیتے ہیں اور ایک دوسرے کو پیش کرتے ہیں۔ معلوم ہوتا ہے تم فرانس نہیں گئی ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ فرانس ہی کیا یہ ’’پاپکون کاک ٹیل‘‘ تو اب ایشیاء، لا طینی امریکہ اور افریقہ کے کئی ممالک میں رجعت پرستوں کے خلاف ایک ’’احتجاجی مشروب‘‘ کے طور پر مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تعجب ہے تم اس کیفے ٹیریا میں آنے کے باوجود ابھی تک اس سے بے خبر ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ روایتی کاک ٹیل کا زمانہ تو کب کا لد چکا، تم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم، اب بھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اچانک ہنرک کی نظر دیوار پر لگے کلاک پر پڑی۔ بارہ بجنے والے تھے۔
کیفے ٹیریا بند ہونے کو تھا۔ اُس نے دیکھا کہ غلطی سے در آنے والے کم و بیش سبھی گاہک جا چکے تھے۔ دونوں موسیقار اپنی اپنی گٹار اور وائیلن سنبھالے ایک دوسرے سے مصافحہ کر رہے تھے۔ وہ بھی جانے والے تھے۔ چاروں شاعروں نے اپنی اپنی بیاضوں اور کتابوں والے تھیلے اپنی اپنی بغل میں دبا رکھے تھے۔ وہ ایک قطار میں باہر جانے والے دروازے کی جانب بڑھ رہے تھے۔ ساتوں مصور بھی مصوری کا ۱پنا اپنا سامان سمیٹنے میں مصروف تھے۔ ان میں سے ایک دو تو کھڑے ہو کر انگڑائیاں لے رہے تھے۔ وہ جانے ہی والے تھے۔ یہ روزمرہ کا معمول تھا۔
’’تو کیا ’’پاپکون کاک ٹیل‘‘ کا ذائقہ میں بھی چکھ سکتی ہوں ؟‘‘ خاتون نے اُسے پھر متوجہ کیا۔ وہ جلدی جلدی استعمال شدہ خالی گلاس، پیالیاں اور پلیٹیں وغیرہ برتن دھونے والی مشین میں ڈال رہا تھا۔
’’کیا تم بھی کوئی ادیبہ، شاعرہ یا مصورہ ہو؟‘‘ اُس نے دیوار کے ساتھ لٹکے ہوئے ایک تولئے سے اپنے ہاتھ صاف کئے۔
’’بس بس رہنے دو، میں تو ابھی پہلی ہی سیڑھی پر ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بس مصوری اور شاعری!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نہیں، شاعری اور مصوری، میرا مطلب ہے اِن دونوں میں طبع آزمائی!!‘‘ وہ بولی۔
’’ایک سو کرونر!‘‘ ہنرک نے ’’پاپکون کاک ٹیل‘‘ سے بھرا ہوا گلاس بار کی میز پر رکھتے ہوئے خاتون کے چہرے پر نگاہ ڈالی۔ اس کی آنکھوں میں غیر معمولی چمک تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’شرط یہ ہے کہ تم آدھا گلاس ایک ہی گھونٹ میں خالی کر دو۔ ‘‘ وہ اُس کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے بولا۔
’’یہ بھی کوئی بات ہوئی، آدھا گلاس ایک ہی گھونٹ میں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور یہ اوپر تیرتی ہوئی مکئی کون چبائے گا۔ ‘‘ خاتون اُسے ایک سو کرونر کا نوٹ تھماتے ہوئے بولی۔
ہنرک نے نوٹ تہہ کر کے اپنی جیب میں رکھا۔ بار کے پیچھے سے نکل کر کیفے ٹیریا کا باہر والا دروازہ اندر سے بند کر کے ہنرک واپس آ رہا تھا کہ وہ خاتون ’’پاپکون کاک ٹیل‘‘ کا آدھا گلاس ہاتھ میں تھامے مسکرا رہی تھی۔ ’’اس کا ذائقہ ہی عجیب نہیں بلکہ سرور بھی عجیب کیفیت آمیز ہے، مجھے اپنے بدن میں ایک عجیب سی لہر محسوس ہوتی ہے۔ ‘‘ وہ بولی۔ ’’لگتا ہے میں تو ہوا میں اُڑ رہی ہوں۔ تم نے دروازہ کیوں بند کر دیا ہے؟ کیا یہ کیفے دو بجے تک کھلا نہیں رہتا؟ مجھے تو لگتا ہے میں ہوا میں اُڑ رہی ہوں، تمھاری پاپکون۔ ۔ ۔ ۔ کا۔ ۔ ۔ ۔ کاک!‘‘
تم ابھی زمین پر اُتر آؤ گی، باقی کاک ٹیل بھی تو ختم کرو، تم خود بخود کسی شاعر کی محبت بھری ساحرانہ نظم میں بدل جاؤ گی۔ ‘‘ ہنرک نے آگے بڑھ کر بار کے کونے میں پڑے شمعدان میں موم بتی جلا ئی
اور کیفے ٹیریا کی روشنیاں بند کر دیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’دیکھا اتنی چھوٹی سی شمع اور کتنی ساحرانہ رومانوی روشنی!‘‘ وہ بولا۔
کیفے میں ہلکی موسیقی کا کیسٹ چل رہا تھا۔ اُس نے آگے بڑھ کر خاتون کا خالی کیا ہوا گلاس اُٹھانا چاہا لیکن فرش پر پڑے ہوئے ایک کاغذ کو دیکھ کر رک گیا تھا۔ اُس نے جھک کر وہ کاغذ اُٹھایا۔ ۔ ۔ ۔ ’’کیپو چینو، دو کپ، چھتیس کرونر، موزے ایک جوڑا، بیس کرونر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہیمبرگر، دس کرونر، کافی تین کپ، اکیس کرونر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ریل ٹکٹ، ساڑھے گیارہ کرونر، سگریٹ بتالیس کرونر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ متفرق، پندرہ کرونر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ کسی ادیب یا شاعر کے روزمرہ کے اخراجات کے حساب والا کاغذ تھا۔
’’کیا کوئی اپنی نظم بھول گیا ہے؟‘‘ خاتون نے آگے بڑھ کر بڑے اشتیاق و تجسس سے پو چھا۔
’’ہاں ! عظیم محبت بھری ایک نظم، جسے خدا نے خود لکھا اور عین اِس لمحے ہم پر نازل کی ہے۔ ‘‘ ہنرک بولا۔ وہ کاغذ کا پرزہ تہہ کر کے اپنی پتلون کی پچھلی جیب میں رکھ چکا تھا۔ شمع کی لو کپکپانے لگی تھی۔
ہنرک اب گلاس اُٹھانے کے لئے آگے بڑھا ہی تھا کہ خاتون کو عین اپنے سامنے کھڑا پا کر ایک لمحہ کے لئے وہیں رک گیا اور پھر،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پھر، پھر وہ خاتون کے بازوؤں میں تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نہیں، نہیں خاتون اُس کے بازوؤں میں تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نہیں، دراصل وہ دونوں ایک دوسرے کے بازوؤں میں تھے اور ابھی وہ مل کر محبت کی نظم کا پہلا لفظ ادا کرنے کے لئے اپنے اپنے ہونٹ ایک دوسرے کے قریب لائے ہی تھے کہ باہر والے دروازے پر کسی نے بڑے زور سے دستک دی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایک اور دستک، پھر دستک۔ ۔ ۔ ۔ ۔ دستک اور پھر دروازہ مسلسل بج رہا تھا۔
’’اس وقت یہ حرامی کون ہو سکتا ہے؟‘‘ ہنرک نے یہ کہتے ہوئے دروازے پر جا کر شیشے سے باہر جھانکا۔ کوئی شرابی کھڑا، دروازہ کھولنے کا اشارہ کر رہا تھا۔ اُس نے تھوڑا سا دروازہ کھول کر باہر کھڑے، نشے میں دھت اُس شخص سے کچھ بات کی۔ اب اُس نے اپنی پتلون کی جیب میں سے ایک کاغذ نکال کر باہر کھڑے آدمی کو تھما دیا اور دروازہ بند کرنے ہی والا تھا کہ اُسے اپنے پیچھے سے اپنے شانے پر کسی کا ہاتھ محسوس ہوا۔ اُس نے گردن موڑ کر دیکھا وہی خاتون کھڑی تھی۔
’’نزول کی گھڑی جاتی رہی۔ ‘‘ خاتون نے ایک طرح سے ہنرک کو ایک طرف دھکیلتے ہوئے دروازہ کھولا۔ اب وہ گلی کے بیچ کھڑی قدرے لڑھک رہی تھی۔
ہنرک جہاں تھا وہیں ہکّا بکّا کھڑا رہ گیا تھا۔ باہر گلی میں اب ایک جوڑے کے گانے کی آوازیں آ رہی تھیں۔ وہ گیت گاتے ہوئے بہک بہک جاتے تھے لیکن، اُن کے گانے کے بول ایک ہی تھے۔
٭٭٭

گرگٹ

سوشل کلب کے سبھی ارکان اور بلائے گئے سبھی مہمان، کلب کے ہال کمرے میں اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ چکے تھے۔ انہوں نے پہلے سے بنائے گئے ’’وقتی اصول‘‘ کے تحت اپنے اپنے چہرے پر، خوبصورت رنگوں والے پلاسٹک کے بنے، نقاب چڑھائے ہوئے تھے۔
عورتوں نے جو نقاب اوڑھ رکھے تھے وہ مختلف رنگوں والی تتلیوں سے مشابہ تھے۔ مردوں کے چہرے، نقابوں کی وجہ سے ہاتھی، شیر، بھیڑیئے، سور، کتے اور اسی طرح کے دوسرے جانوروں کی طرح لگتے تھے۔
سوشل کلب والوں نے، تیسری دنیا کے ایک پس ماندہ ملک میں، ایک عالمی امدادی تنظیم کے تحت جاری ایک ’’ترقیاتی منصوبے‘‘ کے لئے چندہ اکٹھا کرنے کی غرض سے اس ’’خصوصی فینسی شو‘‘ کا بندوبست کیا تھا۔ اس شو میں حصہ لینے کے لئے دار الحکومت میں موجود تیسری دنیا کے سفارت خانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ کسی نے شراب کی بوتلیں تو کسی نے سگریٹوں کے ڈبے بھجوائے تھے۔ کسی نے اپنی طرف سے کافی کے پیکٹ ارسال کئے تو کسی نے اپنے ملک کی نمائندگی، وہاں کے پھلوں کے ٹوکرے بھجوا کر کی۔
امریکہ اور کئی دوسرے یورپی ممالک کے سفارت کاروں نے، سوشل کلب والوں کے اس ’’نیک اقدام‘‘ پر مبارک باد کے اپنے اپنے تحریری پیغامات بھجواتے ہوئے اس کی کامیابی کے لئے دعاؤں کا اظہار کیا تھا۔ مشرق وسطیٰ کے بعض عرب ممالک کے سفارت خانوں کی جانب سے جہاں ’’چندے کے چیک‘‘ سفیروں کی بیگمات کی جانب سے جمع کرائے گئے تھے وہاں سفراء کی ایک بڑی تعداد اس ’’فینسی شو‘‘ میں خود بھی موجود تھی۔
جوں جوں وقت گزرتا جا رہا تھا، ہال میں گہما گہمی بڑھتی جا رہی تھی۔ نقابوں کی وجہ سے ایک دوسرے کو نہ پہچاننے کے باوجود، لوگ ایک دوسرے کو یوں مل رہے تھے جیسے وہ ایک دوسرے کی خوب پہچان رکھتے تھے۔
مقررین کی روایتی تقاریر سننے کے بعد، لوگ اب ہال کمرے میں اِدھر اُدھر کھڑے ایک دوسرے سے باتیں کر تے، شراب کے گلاس اُڑا رہے تھے۔ مختلف ملکوں کے سفارت خانوں سے آئی ہوئی شرابوں کی مختلف اقسام پر باتیں ہو رہی تھیں۔ تیسری دنیا کے ممالک میں تیار شدہ شرابیں اپنے ذائقے اور نشے میں کسی بھی طرح، یورپی ممالک کی شرابوں سے کم نہ تھیں۔
آدھی رات بیت چکی تھی۔ عورتیں اور مرد جو رقص کرتے کرتے شاید اب تھک چکے تھے۔ وہ اِدھر اُدھر بیٹھے ’’خوبصورت وقت‘‘ کے ’’شیریں لمحات‘‘ اور رقص کے دوران دوسروں کی ’’حماقتوں ‘‘ کے بارے میں باتیں کرتے شراب اُڑا رہے تھے۔ بعض ایسے بھی تھے، جو موسیقی کی دھنوں پر ابھی تک رقص میں مصروف تھے۔
سوشل کلب کے اعلیٰ عہدیدار ’’فینسی شو‘‘ کے بارے میں بات چیت اور اس کے حساب کتاب کے لئے ہال سے ملحقہ کلب کے انتظامی دفتر میں ایک بڑی میز کے گرد جمع تھے۔ میز پر کلب کے حساب کتاب کے کاغذات سامنے کھلے پڑے تھے۔ شراب کی مختلف اقسام والی بوتلوں کے کارک اُڑائے جا چکے تھے۔ ایک فعال رکن شراب گلاسوں میں انڈیل کر عہدیداروں کے سامنے رکھ چکا تھا۔ ’’چیئرز!‘‘ عہدیداروں نے اپنے اپنے گلاس ہوا میں بلند کئے اور ایک ایک گھونٹ پی کر میز پر واپس رکھ دیئے تھے۔ اُن کے چہروں پر پڑے نقاب بڑے عجیب لگ رہے تھے لیکن کیا ہی کیا جا سکتا تھا۔ یہ اصول انہوں نے خود ہی بنایا تھا کہ تقریب کے اختتام تک نقاب نہیں اتارے جائیں گے۔
ان نقابوں کی وجہ سے وہ ایک دوسرے کے چہرے تو نہیں دیکھ سکتے تھے، لیکن ان کی آپس کی گفتگو سے معلوم ہوتا تھا کہ وہ ایک دوسرے کی حرکات و سکنات اور آنکھوں کے اشاروں سے ایک دوسرے کو پہچانتے ضرور تھے۔
’’اچھا تو پچھلے کھاتے پر نگاہ ڈال لینی اور حساب کتاب کر لینا چاہیے۔ ‘‘ ایک بھاری جثّے والا نقاب پوش بولا۔
’’ضرور!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ضرور!!‘‘ دوسروں نے بڑی تعظیم کے ساتھ اُس کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا، اور اپنے اپنے سامنے پڑے ہوئے حساب کتاب کے کاغذوں کو اُلٹ پلٹ کر دیکھنے لگے۔
’’مجھے تو یہ سب کچھ ٹھیک ہی لگتا ہے۔ ‘‘ بھیڑیئے کے نقاب والا ابھی کچھ کہنے ہی والا تھا کہ انتظامی امور کے دفتر کا دروازہ ایک زوردار جھٹکے کے ساتھ کھلا اور ایک عجیب الجثّہ نقاب پوش لڑکھڑاتا ہوا، اندر داخل ہوا۔ اُس نے آتے ہی میز پر پڑے ہوئے کاغذوں کو اِدھر اُدھر نیچے گرا دیا اور شراب کی ایک بوتل میز سے اُچک کر منہ سے لگا لی۔ اب وہ خود کو ایک کرسی پر گرا چکا تھا۔
’’یہ سب کیا بکواس ہے؟‘‘ اس نے گرجدار آواز میں پوچھا۔ ’’تم سب یہاں سر جوڑے کیا سازش کر رہے ہو؟‘‘ میز کے گرد بیٹھے سوشل کلب کے عہدیداروں نے حیران و پریشان ہوتے ہوئے، اپنے اپنے نقابوں کے سوراخوں سے ایک دوسرے کو دیکھا۔ اُن کی آنکھیں ساکت دکھائی دے رہی تھیں۔
’’آپ بہت نا معقول شخص معلوم ہوتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ کیا بے ہودگی کا مظاہرہ کیا آپ نے!، آخر آپ ہیں کون؟‘‘ ایک نقاب پوش نے ہمت کر کے منہ کھولا اور کرسی میں گرے ہوئے نشے میں دھت شخص کی طرف گھور کر غراّیا۔
’’بکواس بند کر!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نے جو کہا، سنا نہیں تھا کیا تم نے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نے تم سے آتے ہی کہا تھا نا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !‘‘ عجیب الجثّہ نقاب پوش نے شراب کی ایک خالی بوتل، میز سے اُٹھا کر فرش پر دے ماری، جو ایک چھنّا کے سے ٹوٹ کر اِدھر اُدھر بکھر گئی۔
’’سنیئے !آپ کوئی بھی ہوں،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آپ بڑے ہی بیہودہ قسم کے آدمی اور مجلسی آداب سے یکسر کورے دکھائی دیتے ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ نقاب پہنے سور کی طرح دکھائی دینے والا، ٹھگنے قد والا عہدیدار فرش پر بکھرے،
ٹوٹی ہوئی بوتل کے ٹکڑوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولا۔ ’’یہ کیا مکروہ حرکت کی آپ نے!‘‘
عجیب الجثّہ نقاب پوش کرسی پر بیٹھا کچھ بڑ بڑا رہا تھا۔ اس کا سر ایک طرف کو لڑھکا ہوا تھا۔ اس کی آواز دفتری عہدیداروں تک پہنچ تو پا رہی تھی لیکن ان کی سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ کہہ کیا رہا تھا۔ شراب کے نشہ کی وجہ سے وہ پورے جملے ادا کرنے سے یکسر خالی لگ رہا تھا اور محض لفظوں کی جگالی کر رہا تھا۔
’’اس کا کیا کیا جائے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ کون ہو سکتا ہے؟‘‘ نقابوں کے پیچھے اپنے چہرے لئے سبھی عہدیدار ایک سوال بنے ایک دوسرے کے سامنے کھڑے تھے۔
’’یہی تو مشکل ہے کہ ہمیں یہ بھی معلوم نہیں کہ یہ بد تمیز ہے کون؟‘‘ اُن میں سے ایک ’’چمگاڈر کے نقاب والا بولا۔
ابھی وہ دم بخود کھڑے سوچ ہی رہے تھے کہ دفتر کا دروازہ پھر کھلا اور تتلیوں کے نقاب پہنے، نشے میں دھت، قہقہے لگاتیں دو خواتین ایک دوسری کی کمر میں بانہیں ڈالے جھومتی جھامتی، اندر داخل ہوئیں۔ اپنے لباسوں سے وہ یقیناً امراء کے طبقہ سے تھیں۔
’’تم لوگ یہاں کیا کر رہے ہو؟ سنتے نہیں ہو، وہاں ہال میں سب کو اکٹھا ہونے کے لئے بلایا جا رہا ہے، چلو جلدی کرو!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ لوگ اب جمع شدہ چندے کی رقم کا اعلان کرنے والے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ چلو جلدی کرو، نکلو یہاں سے!‘‘ اُن میں سے ایک جو شوخ رنگ کا بلاؤزر پہنے، سینے کے بٹن کھولے، سنہری تتلی کے پروں کا نقاب پہنے ہوئے تھے بولی۔ ’’چلو جلدی کرو!،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہاں چندے کی رقم کے عطیہ کا اعلان ہونے والا ہے اور یہ یہاں خر مستیاں کر رہے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ چلو نکلو بھی اب!‘‘ اس نے اتنا کہا اور پھر ایک عہدیدار کو بازو سے پکڑ کر دروازے کی جانب دھکیلنے ہی والی تھی کہ اس کی نظر، کرسی میں گرے، خراٹے لیتے ہوئے عجیب الجثّہ نقاب پوش پر پڑی۔
’’اور یہ کون ہے یہاں ؟ دفتر کو ساس کا گھر سمجھے یہاں سونے والا!‘‘ خاتون نے بڑی جلدی سے آگے بڑھ کر کرسی پر گرے ہوئے نقاب پوش کو بازو سے پکڑ کر ابھی اپنی جانب کھینچا ہی تھا کہ عجیب الجثّے والے کا نقاب اُس کے چہرے سے کھسک کرن یچے گر گیا۔
دفتر میں موجود سبھی عہدیدار اور وہ دونوں خواتین بھی ساکت و جامد، خاموش اپنی اپنی جگہ پر بت بنے کھڑے تھے۔
ہال کمرے میں لاؤڈ سپیکر پر کئے جانے والے اعلان کی آواز اب دفتر میں صاف سنائی دے رہی تھی۔ ’’عزت مآب سفیر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سے مؤدبانہ درخواست کی جاتی ہے کہ وہ سٹیج پر تشریف لائیں اور عطیہ کی رقم قبول فرمائیں۔ ‘‘
٭٭٭

خوف

میری جب آنکھیں کھلیں تو میں نے خود کو ہسپتال کے کمرے میں ایک بستر پر لیٹے پایا۔ میرے بستر کے ساتھ والی میز پر گلدان میں پھول سجے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’میں یہاں کیسے پہنچ گیا ہوں ؟‘‘ یہ خیال آتے ہی میرے ذہن میں دن بھر کی مصروفیات یاد آنے لگیں۔ آج صبح گھر سے کام پر جانے کے لئے نکلتے ہوئے میں سوچ رہا تھا کہ ’’مالک نے اگر پوچھ لیا کہ تین دن کہاں رہا ہوں، کام پر کیوں نہیں آیا تھا، تو اسے کیا جواب دوں گا۔ ۔ ۔ ۔ نہیں، نہیں ! وہ یہ کیوں پوچھے گا آخر میں نے فیکٹری میں فون تو پہلے ہی روز کر دیا تھا۔ اور فورمین کو اپنے بیمار ہونے کے بارے میں بتا بھی دیا تھا اور اُس نے مجھے جلد صحت یاب ہو جانے کی دعا دیتے ہوئے گھر پر ہی رہنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔ ‘‘ میں سوچ رہا تھا۔ لیکن پھر بھی میرے ذہن پر نجانے کیوں ایک خوف سا تھا کہ آج فیکٹری میں سب کارکنوں کے سامنے مجھ سے پو چھا جائے گا کہ تین دن تک کہاں رہا؟
مجھے ڈنمارک آئے ابھی کچھ زیادہ ماہ نہیں ہوئے تھے اور اگرچہ مجھے لفافے بنانے کی ایک فیکٹری میں ملازمت حاصل کرنے میں بھی کوئی خاص دشواری پیش نہیں آئی تھی لیکن میں یہ ملازمت کسی بھی طرح سے چھوڑنا نہیں چاہتا تھا۔ فیکٹری میں میرے ساتھ، میرا ایک ہموطن بھی ملازم تھا اور میری ہی طرح وہ بھی ایک مشین پر کاغذ کاٹنے اور لفافے بنانے کا کام کرتا تھا۔ اس کام کے لئے کسی پیشہ وارانہ تربیت کی ضرورت نہیں تھی۔ مجھے پہلے ہی روز فیکٹری کے فورمین نے سمجھا دیا تھا کہ کاغذوں کے بڑے بنڈلوں کو کس طرح کاٹ کر مشین میں رکھنا اور گوند کے ڈبّے کو کیسے بھرنا اور مشین چلانے کے لئے کونسا بٹن دبانا ہے۔ بٹن دبا کر پھر کاٹے ہوئے کاغذ حسبِ ضرورت مشین میں رکھتے جاؤ اور لفافے خود بخود بن بن کر باہر نکلنے لگیں گے جنہیں سو، سو کے ڈبوں میں بند کرتے جاؤ، اور بس!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب اس کام کے لئے کسی خاص تربیت کی ضرورت تو تھی ہی نہیں۔
میں نے پہلے ہی دن مشین سنبھالنے کے بعد، ایک لاکھ لفافے نہ صرف تیار کئے بلکہ انہیں سو، سو کے ڈبوں میں بند کر کے فورمین سے شاباشی حاصل کی۔ فورمین نے میرے کاندھے تھپتھپاتے ہوئے کہا تھا ’’تم نے پہلے ہی دن اتنا کام کر کے ثابت کر دیا ہے کہ تم ایک اچھے کارکن بن سکتے ہو، تمہیں ایسا ہی کام کرنا چاہیے۔ اس طرح تمہیں تنخواہ کے علاوہ ’’بونس‘‘ بھی اچھا ملے گا۔ ‘‘
فیکٹری میں صرف دو فرد ایسے تھے جن کے ساتھ میں قہقہہ لگا کر بات کر سکتا تھا۔ ایک میرا ہموطن علی، اور دوسرا فیکٹری کا فورمین۔ وقفے کے دوران کنٹین میں علی اور میں ایک ہی میز پر کھانا کھایا کرتے تھے اور یہ ہمارا معمول بن چکا ہوا تھا۔ علی کھانا بنانے میں ماہر لگتا تھا اور ہر روز گھر سے اپنے ساتھ پاکستانی کھانا بنا کر لایا کرتا تھا، جس میں میں ویسے ہی حصّہ دار بن جایا کرتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’کھاؤ یار، یہاں اور ہے کیا، ہم نہ تو کسی اور سے اپنی زبان میں بات کر سکتے ہیں اور نہ ہی اِن ڈینشوں کا کھانا ہمارے حلق سے اتر سکتا ہے، انہیں تو ہماری قوت و محنت مزدوری سے تعلق ہے یہ ہمارے اندر کا حال کیا جانیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ انہیں تو بس کام چاہیے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کام!‘‘ اور علی ابھی اسی طرح کی باتیں کر ہی رہا ہوتا کہ فورمین، مارٹن اپنی بیئر کی بوتل لئے ہمارے پاس آ جاتا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’نا، محمدنز! تم اکیلے کیوں بیٹھے ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُدھر دوسروں کے ساتھ بیٹھا کرو۔ ‘‘ اور پھر وہ خود بھی ایک کرسی پر بیٹھ جاتا اور پھر ’’چیئرز‘‘ کہہ کر اپنی بوتل منہ سے لگا لیتا۔
فیکٹری کے مالک اور ایک دو، دفتری ملازمین کو چھوڑ کر فورمین، مارٹن ہی تھا جو اچھی انگریزی بول سکتا تھا اور یہی وجہ تھی کہ اسے جب بھی موقع ملتا وہ علی یا میرے ساتھ بات کر لیا کرتا تھا۔
میں نے جب کام کرنا شروع کیا تو میں نے دیکھا کہ فیکٹری کا مالک ہر صبح ایک ایک کارکن کے قریب سے مسکراتا ہوا گزرتا انہیں ہاتھ ہلا کر سلام کرتا اور اپنے دوسرے دفتری عملے کے ساتھ پچھلے دن کی پیداوار کی جانکاری کیا کرتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ اُس کا روزمرہ کا معمول تھا۔ وہ بہت ہی کم گو ضرور تھا لیکن اُس کے ہونٹوں پر ہر وقت ہلکی سی مسکراہٹ اس کی زندہ دلی کی علامت ہی ہو سکتی تھی۔
میں نے ایک دن دیکھا کہ مالک اپنے بائیں کان میں ایک ’’چھلّا‘‘ پہنے ہوئے ہے۔ میری ہنسی نکل گئی۔ میرے اپنے ملک پاکستان میں کوئی بھی ایسا مالک ایسی حرکت نہیں کر سکتا تھا کہ خواہ مخواہ کان میں چھلا پہن کر ایک مسخرہ بن جائے، اور لوگ اُس کا تمسخر اُڑائیں۔ مارٹن نے شاید مجھے مالک کی طرف دیکھ کر ہنستے ہوئے دیکھ لیا تھا وہ میرے پاس آ کر پوچھنے لگا ’’بہت ہنس رہے تھے، کیا بات تھی؟‘‘ میں نے مارٹن سے پوچھا کہ اگر اُس نے مالک کے کان میں پڑا ’’چھلّا‘‘ دیکھا ہے؟‘‘
’’نہیں تو! ‘‘ وہ اچھل پڑا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’کیا پاؤل نے کان میں ’’چھلّا‘‘ پہن رکھا ہے؟‘‘
’’ہاں تو، اُس نے بائیں کان میں چھلّا پہن رکھا ہے۔ ‘‘ میں نے اپنی بات دہرائی۔ مارٹن بھی اپنی ہنسی ضبط نہ کر سکا۔ ’’پاؤل نے ایک اچھا کام کیا ہے۔ ‘‘ وہ بولا۔
’’کیا کہا تم نے؟‘‘ میری حیرانگی بڑھنے لگی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’پاؤل نے کیا اچھا کام کیا ہے؟‘‘ میں نے پو چھا۔
’’سنو! بوڑھے کا اس عمر میں کبھی کبھی دماغی توازن ٹھیک نہیں رہتا۔ یہ اکثر عجیب و غریب حرکتیں کرتا رہتا ہے۔ ‘‘ مارٹن ہنس ہنس کر مجھے بتا رہا تھا اور اس کے ساتھ ہی مجھے مشین پر محتاط رہنے کی نصیحت بھی کر رہا تھا۔ ’’کیا تم نے دیکھا نہیں کہ پچھلے دنوں یہ ہیٹ پہن کر ہم لوگوں کے کام کا معائنہ کرنے لگا تھا اور پھر اس نے نکٹائی لگانی بھی شروع کر دی تھی۔ اب اس میں تعجب کی کیا بات ہے، اگر وہ اپنے کان میں چھلّا ڈال کر گھومے یا گلے میں کیتھولک پادریوں کی طرح صلیب لٹکائے پھرے۔ ‘‘
مارٹن نے ایک زور دار قہقہہ لگایا اور اپنے ہاتھ میں پکڑی ہوئی بیئر کی بوتل سے ایک گھونٹ حلق میں اتارتے ہوئے بڑے رازدارانہ لہجے میں بولا ’’میں نے کہا نا اس کا دماغ ذرا چل گیا ہے اور اس غیر متوازن دماغ کو ٹھیک رکھنے کے لئے اس نے بائیں کان میں چھلّا پہن لیا ہے، تاکہ اُس کے ذہن کا دایاں اور بایاں پہلو برابر ہم وزن رہیں۔ ‘‘
مارٹن قہقہے لگا رہا تھا اور میں اس کی رگِ ظرافت کے یوں پھڑکنے پر خاموش نہیں رہ سکتا تھا۔ اُس نے مالک کے بائیں کان میں چھلّا ہونے کی وجہ بتاتے کے لئے انوکھی ہی تشریح کر دی تھی۔ میں نے علی کو یہ قصّہ سنایا تو اس نے ہنسے بغیر صرف اتنا کہا کہ یہ ڈینش بھی عجیب ہوتے ہیں، اِن کا مذاق بھی ہم نہیں سمجھ سکتے اور یہ نہ تو ہمارا مذاق سمجھتے ہیں اور نہ ہی مزاح ! اب اس سے پوچھو کہ کان میں چھلّے کی کیا تُک ہے؟
مجھے اگر علی کی ضرورت نہ ہوتی تو میں اسے مارٹن اور اپنی ہنسی اور قہقہوں کی وجہ ضرور بتاتا اور اُسے ڈینش مزاح پربھی شاید ایک تقریر جھاڑ دیتا لیکن پھر میں شاید ہر روز اُس کے لائے ہوئے اُس کے کھانے میں شریک نہ ہو سکتا۔ اُس نے تو میری تنخواہ میں اضافہ کے لئے مجھے گر بتانے کا وعدہ بھی کر رکھا تھا۔ میری سمجھ سے یہ بات باہر تھی کہ آخر وہ ہر وقت ڈینشوں پر تنقید ہی کیوں کرتا رہتا ہے۔ مجھے یہ احساس، بلکہ خوف سا رہتا تھا کہ اگر میں نے کبھی علی سے کھل کر یہ بات پوچھ لی تو وہ خواہ مخواہ ناراض ہو جائے گا اور میں یہ ناراضگی مول نہیں لینا چاہتا تھا۔ فیکٹری کے اٹھارہ ملازموں میں ہم دو ہی تو غیر ملکی تھے اور وہ بھی ہموطن!
اُس روز جب میں کام پر پہنچا تو فیکٹری کے بڑے دروازے سے اندر داخل ہوتے ہی میری ملاقات گریٹے سے ہو گئی۔
’’صبح بخیر‘‘ میں نے اُسے سلام کیا۔ وہ فیکٹری کے دفتر میں کام کرتی تھی۔
’’صبح بخیر، خان کیسے ہو؟‘‘ وہ مسکراتے ہوئے بولی۔ ’’پاؤل کل ہی تمھاری صحت کے بارے میں پوچھ رہا تھا۔ ’’کہو اب ٹھیک تو ہو نا!‘‘
’’ہاں، گریٹے۔ ‘‘ میں نے مختصر سا جواب دیا اور اپنے کپڑے بدلنے کے لئے ساتھ والے کمرے کی طرف ہو لیا۔ جلدی میں کپڑے بدل کر جب میں اپنی مشین پر پہنچا تو مارٹن وہاں پہلے سے کھڑا مشین کو یوں گھور کر دیکھ رہا تھا گویا اسے نیلامی پر بھجوانا ہو۔ وہ ایک ہاتھ میں اوزار لئے اور دوسرے میں بیئر کی بوتل تھامے خود سے باتیں کر رہا تھا۔ مجھے دیکھتے ہی اُس کے چہرے پر ایک طرح سے رونق سی آ گئی تھی۔ ’’اے خان، صبح بخیر، اچھا ہوا تم آ گئے، اب دیکھتے ہیں یہ مشین کیسے کام نہیں کرے گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لو ذرا یہ بوتل تھامو، میں اس کی خبر لیتا ہوں !‘‘ اس نے مجھے اپنی بوتل تھما دی اور خود مشین کی مرمت کے لئے اُس پر جھک گیا۔
بوتل ہاتھ میں تھامے میں اُس کے قریب ہی کھڑا تھا کہ اتنے میں علی بھی وہاں آ گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’خان صاحب کیا حال ہے، اتنے دن کہاں رہے، کوئی چھوکری مل گئی تھی کیا؟‘‘ اس نے آتے ہی پوچھنا شروع کر دیا تھا۔ ’’دنمارک میں یہی تو مزہ ہے۔ ۔ ۔ ۔ ’’نوکری کرو تے چھوکری مفت‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیوں خان صاحب، تین دن تو مزے لوٹے ہوں گے!‘‘
’’نہیں بھائی، میں تو بیمار رہا ہوں۔ گھر سے نکل تک نہیں سکتا تھا۔ مجھے فلو ہو گیا تھا اور پھر ساتھ میں ہلکا سا بخار بھی تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب آرام ہے، چلا آیا ہوں۔ ‘‘ میں نے اپنے ہاتھ میں پکڑی ہوئی مارٹن کی بیئر کی بوتل قدرے اپنے پیچھے چھپاتے ہوئے جواب دیا، لیکن علی شاید اسے پہلے ہی بھانپ گیا تھا۔ ’’اب پینے بھی لگے ہو۔ ‘‘ اُس نے ایک طرح سے مجھے گھورتے ہوئے بوتل کی طرف اشارہ کیا اور پھر کچھ کہے بغیر چلا گیا۔
مارٹن ابھی تک مشین پر جھکا ہوا اُس کی مرمت میں مصروف تھا اور پھر اُس نے وہیں سے مجھے آواز لگاتے ہوئے اپنی بیئر کی بوتل دینے کو کہا۔ ’’اس کے بغیر کام نہیں ہو سکتا، خان، میں تو کہوں گا تم بھی پینی شروع کر دو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہاں کے موسم اور رسم و رواج دونوں ہی کے لئے یہ ضروری ہے۔ ‘‘ مارٹن نے میرے ہاتھ سے بوتل پکڑتے ہوئے کہا۔
’’مجھے اِس میں اعتراض نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ابھی میں یہی کہہ پایا تھا کہ مارٹن لقمہ دیتے ہوئے بولا ’’یہی نا کہ تم محمڈن ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یا کہو پھر علی سے ڈرتے ہو؟‘‘
’’نہیں ایسی بھی کوئی بات نہیں۔ ‘‘ میں نے کہا اور ایک طرح سے بات ختم کرنے کے لئے اُس سے پوچھا ’’کیا مشین ٹھیک ہو گئی ہے؟‘‘
’’مشین! یہ کیسے ٹھیک نہیں ہو گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ دیکھتے نہیں ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میرے ہاتھ میں کیا ہے!‘‘ مارٹن نے بیئر کی بوتل کو ہوا میں اچھالتے ہوئے قہقہہ لگایا اور بولا ’’تم اسے اب چلا سکتے ہو، اور ہاں سنو، بیماری کے بعد آج تمھارا پہلا دن ہے، بونس کا مت سوچنا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ رفتار کم رکھنا، کام تو ہوتا ہی رہے گا۔ ‘‘ اس نے مشین میں گوند ڈالنے اور کاغذ رکھنے کے دوران میری کچھ مدد کی اور دوسری مشینوں کی طرف جانے کے لئے مُڑا تو میں نے اُس سے پو چھا کہ کیا مالک اپنا دورہ کر چکا ہوا ہے۔
’’تم یہ ’’مالک‘‘ کا لفظ استعمال کرنا کب چھوڑو گے، خان! یہ جنوبی افریقہ یا پاکستان نہیں، سنو! اس بڈھے کو ’’پاؤل‘‘ کہا کرو، پاؤل۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پاؤل!، اور ہاں دیکھنا اب اُس نے اپنا چھلّا بائیں کان سے نکال کر دائیں کان میں ڈال دیا ہوا ہے۔ ‘‘ میری اصل بات کا جواب دیئے بغیر مارٹن بھر پور انداز میں قہقہہ لگاتا ہوا وہاں سے چل دیا۔
مارٹن کے جانے کے بعد میں نے مشین سٹارٹ کی اور اس کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے مشین کی رفتار بھی معمول سے کہیں زیادہ کم رکھی۔ میں اپنے دل ہی دل میں مارٹن کی زندہ دلی سے لطف اندوز ہو رہا تھا کہ عجیب شخص ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’پیتا بھی ہے اور اسے مالک کو خوف بھی نہیں !‘‘ پھر میرے ذہن میں خیال آیا کہ وہ پینے کے باوجود، ہشیار اور متحرک رہتا ہے اور مجال ہے کہ کوئی بھی مشین خراب پڑی رہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ادھر مشین خراب ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مارٹن کو آواز دو، اس کے آتے اور ہاتھ لگاتے ہی مشین یوں کام کرنے لگتی تھی گویا خراب ہوئی ہی نہیں تھی۔
میں انہیں خیالوں میں لفافے ڈبوں میں بند کر کے ایک طرف رکھتا جا رہا تھا اور تھوڑے تھوڑے وقفے سے مشین پر نئے کاغذ رکھنے کے علاوہ گوند بھی ڈال دیتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ گوند ڈالتے ہوئے نہایت احتیاط سے ایک بٹن کو دبائے رکھنا پڑتا تھا ورنہ ساری گوند مشین میں بہہ جانے کا خطرہ ہوتا تھا۔ مارٹن نے مجھے یہ بات اچھی طرح سمجھا دی ہوئی تھی اور میں بھی محتاط رہتا تھا۔
مشین چلائے ہوئے مجھے ابھی کوئی آدھ پون گھنٹہ ہی گزرا ہو گا کہ جونہی میں گوند بھرنے لگا میں نے، مالک کو مشینوں کا دورہ کرتے ہوئے اپنی طرف آتے دیکھا۔ گوند ڈالتے ہوئے، میرے ذہن میں اچانک خیال آیا ’’کیا وہ میری بیماری کو میری غیر حاضری کی وجہ مان لے گا، کہیں وہ مشین کی سست رفتاری پر ناراض نہ ہو جائے۔ ‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب وہ اور میرے نزدیک آ چکا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ محض، ایک دو میٹر کے فاصلے پر۔ مجھے اُس کے دائیں کان میں لٹکتا ہوا چھلّا صاف نظر آ رہا تھا اور مارٹن کی بات بھی میرے ذہن کے کسی کونے سے نجانے کیسے سر نکال رہی تھی ’’اس بڈھے کے دماغ کا کبھی دایاں تو کبھی بایاں پہلو متوازن نہیں رہتا‘‘ اپنے خیالوں کی وجہ سے میں نے غور تو کیا ہی نہیں تھا کہ آج تو وہ سر پر ہیٹ بھی پہنے ہوئے تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب وہ مزید میرے نزدیک آ چکا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’نہیں وہ مجھ سے میڈیکل سرٹیفکیٹ کا مطالبہ کیا کرے گا۔ ‘‘ میں نے اُس کی طرف سے نگاہیں ہٹا کر خود کو سنبھالنا چاہا۔ اب وہ بالکل میرے قریب تر تھا اور مجھے اُس کے قدموں کی آواز اپنی مشین کے شور سے بھی زیادہ سنائی پڑتی محسوس ہو نے لگی۔ میں انہیں خیالوں میں ڈوبا اب مشین پر جھکا ہوا گوند ڈال رہا تھا کہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نے اپنی پشت پر اُس کے ہاتھ کا وزن محسوس کیا اور پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس کے بعد مجھے معلوم نہیں کہ کیا ہوا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ہسپتال کے کمرے میں بستر پر لیٹے ہوئے میں نے جب پہلو بدلنا چاہا تو درد کے مارے ایک طرح سے میری چیخ سی نکل گئی۔ میرے بائیں بازو پر پلستر چڑھا ہو تھا اور میری ٹانگوں میں درد کی لہریں اُٹھ رہی تھیں۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ یہ سب کچھ میرے ساتھ کیسے ہو گیا تھا۔ میں تو کام پر تھا، کیا وہاں کوئی حادثہ ہو ا تھا۔ مجھے کب اور کیسے یہاں لایا گیا؟ میرا سر چکرانے اور میری آنکھوں کے آگے اندھیرا آنے لگا اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اتنے میں کمرے کا دروازہ کھلا اور ایک نرس ہاتھوں میں پھولوں کا ایک گلدستہ لئے دبے پاؤں اندر داخل ہوئی۔ میں نے اپنی پوری قوّت جمع کر کے ہوش بحال رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے اُس سے پوچھا کہ یہ مجھے کیا ہوا ہے؟
’’کچھ بھی تو نہیں، بس معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خدا کا شکر کرو، تمھارا صرف بازو ٹوٹا ہے ورنہ، جس طرح یہ مشین میں آیا تھا کٹ گیا ہوتا۔ ‘‘ یہ کہتے ہوئے نرس نے میرے بستر کے قریب پڑی ہوئی چھوٹی سے اس میز پر پھولوں کو ایک اور گلدان میں سجا دیا جہاں پہلے بھی ایک گلدان میں پھول سجے تھے۔ ’’یہ پھول تمھارے فورمین نے بھیجے ہیں، اور یہ خط بھی ساتھ ہے۔ ‘‘
نرس نے ایک چھوٹا سا لفافہ پہلے میری طرف بڑھایا اور پھر بولی ’’تمھارے بازو پر پلستر چڑھا ہے کہو تو میں تمھارے لئے اسے پڑھ دوں۔ ‘‘
’’ہاں ! تمھاری مہربانی ہو گی۔ ‘‘ میں نے دبی ہوئی آواز میں اپنی کراہت کو چھپاتے ہوئے کہا۔
’’پیارے خان۔ ‘‘ نرس نے خط پڑھنا شروع کیا۔
’’تمہیں جلد صحت نصیب ہو۔ ‘‘ نرس نے یہ جملہ پڑھتے ہوئے گویا اس میں اپنی دعائیں بھی شامل کردی تھیں۔ ’’میں کام ختم کرنے کے بعد، شام کو تمہیں جب ملنے آؤں گا تو تمھارے کپڑے بھی لیتا آؤں گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ باقی پھر ملاقات پر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نیک خواہشات کے ساتھ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مارٹن۔ ‘‘
نرس نے خط پڑھ کر اسے میز پر رکھے گلدستے کے قریب رکھتے ہوئے مجھ سے پوچھا کہ اگر مجھے کسی چیزکی ضرورت ہو تو بتا دوں۔ مجھے بھلا کیا ضرورت ہو سکتی تھی۔ میں تو جاننا چاہتا تھا کہ میرے ساتھ یہ حادثہ ہوا کیسے؟ نرس شاید کچھ کچھ جان گئی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’تم ایک دو روز میں فارغ کر دیئے جاؤ گے اور ممکن ہے کہ کل شام تک ہی فارغ کر دیئے جاؤ، اب آرام کرو، زیادہ سوچو نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اگر کسی چیز کی ضرورت ہو تو اِس بٹن کو دبا دینا میں خود یا کوئی اور تمھاری مدد کرنے کے لئے آ جائے گا۔ ‘‘ اُس نے بستر کے ساتھ لگے ہوئے ایک بٹن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا اور پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پلستر میں لپٹے ہوئے میرے بازو کو نہایت آرام سے میرے پہلو سے اُٹھا کر میرے سینے پر رکھ دیا اور مسکراتی ہوئی، کمرے سے باہر نکل کر دروازہ بند کر گئی۔
اس کے جانے کے بعد مجھے اپنے زخموں کے درد کا پھر احساس ہوا اور میں نے آنکھیں موند کر پھر سو چنا شروع کر دیا کہ آخر میرے ساتھ یہ حادثہ ہوا کیسے؟ میں ابھی تک اس سوال کا جواب تلاش نہیں کر
پایا تھا اور انہیں خیالوں میں الجھا ہوا تھا کی دروازے پر کسی نے دستک دیتے ہوئے میرے جواب کا انتظار کئے بغیر دروازہ کھول دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ مارٹن تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اے خان! کیسے ہو؟‘‘ وہ میرے سامنے، بازو پھیلائے یوں کھڑا تھا گویا مجھ سے بغلگیر ہونا چاہتا ہو۔ میں نے اس سے ہاتھ ملانے کے لئے بستر سے اٹھنا چاہا تو درد کی ٹیس میرے بدن میں دوڑ گئی۔ مارٹن نے مجھے لیٹے ہی رہنے کا اشارہ کیا اور پھر بستر کے نزدیک پڑی ایک کرسی پر بیٹھ گیا۔ اُس نے اپنے اُوور کوٹ کی اندرونی جیب سے بیئر کی ایک بوتل نکالی، اسے کھولا اور ’’تمھارا جام صحت‘‘ کہتے ہوئے اس منہ سے لگا کر بیئر پینے لگا۔ ایک دو گھونٹ حلق سے اتار لینے کے بعد وہ خود ہی بولا ’’میں تمھارے کپڑے لے آیا ہوں، یہ لو، یہ رہا تمھارا تھیلا۔ ‘‘
میں ابھی تک خاموش تھا اور مارٹن کو دیکھ رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ’’او خان!‘‘ وہ گویا ہوا۔ ’’میں نے صبح تمھیں کہا تھا کہ مشین تیز نہ چلانا اور دیکھا عمل نہ کرنے کا نتیجہ، خیر کوئی بات نہیں تم جلد ہی ٹھیک ہو جاؤ گے۔ ‘‘
مارٹن نے مجھے بتایا کہ میں کس طرح حادثے کا شکار ہوا۔ اس کے خیال میں جب مالک صبح حسب معمول گشت کرتے ہوئے میرے قریب پہنچا تو نجانے کیا ہوا کہ مشین یکدم رفتار کی آخری حد تک تیز ہو گئی اور پھر گوند اپنے ڈبّے سے نکل کر مشین کے کل پرزوں پر بہنے لگی اور وہ لیور جو مشین کی رفتار، وقفے وقفے سے بڑھاتا ہے ایک دھماکے سے ٹوٹ گیا اور میں مشین پر گر گیا جس سے میرا بازو ٹوٹ گیا تھا۔ مارٹن نے بتایا کہ یہ مالک ہی تھا جس نے فوراً مشین کھڑی کر کے مجھے بیہوشی کی حالت میں اُٹھا کر فرش پر لٹایا اور ایمبولینس کے لئے ہنگامی فون کیا۔ یہ سب کچھ بتاتے ہوئے مارٹن ساتھ ساتھ بیئر کی چسکی بھی لگاتا جاتا تھا۔
’’میں نے سوچا آج تنخواہ کا دن ہے کیوں نہ کام سے جلدی چھٹی کر لوں، بازار بھی جانا تھا، اس لئے کام ختم کرنے سے پہلے ہی چھٹی لے کر آ گیا ہوں، تم اب آرام کرو، ویسے بھی شام ہونے کو ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہو سکے تو کچھ سو لینا، اب میں چلتا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور ہاں، یاد آیا‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مارٹن چلتے چلتے رک گیا تھا۔
’’علی نے تمہیں سلام بھیجا ہے اور تمھاری خیریت بھی پوچھنے کو کہا تھا، اسے آج اُوور ٹائم کرنا ہے اس لئے کل شاید تمہیں دیکھنے آ سکے گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اچھا، خدا حافظ۔ ‘‘ مارٹن مسکراتا ہوا کمرے سے باہر نکل گیا تھا۔ وہ اپنی خالی بوتل پھولوں کے گلدستے کے قریب میز پرہی چھوڑ گیا تھا۔
میں بستر پر لیٹے ہوئے طرح طرح کے خیالوں میں کھویا ہوا تھا۔ ’’شاید گھر سے کوئی خط آیا ہو آج صبح ڈاک بھی تو نہیں دیکھی تھی۔ فیکٹری میں ملازمین نے آج اپنی اپنی تنخواہ وصول کر لی ہے، نجانے مجھے کب ملے گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مجھے کتنے روز یہ پلستر بازو پر لپیٹے رکھنا ہو گا، کیا مجھے بیماری کے دنوں کا کوئی الاؤنس ملے گا، اور کیا کہیں کام سے غیر حاضری کی وجہ سے مجھے ملازمت سے بر طرف تو نہیں کر دیا جاؤں گا؟‘‘
میں مسلسل چھت کی طرف نظر جمائے گھور رہا تھا کہ اتنے میں دروازے پر دستک ہوئی اور ایک ہنستی مسکراتی نرس ہاتھوں میں ایک ٹرے لئے اندر داخل ہوئی۔ ’’یہ رہا تمھارا کھانا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں تمھاری مدد کرتی ہوں۔ ‘‘ اس نے کھانا میز پر رکھ کر، مجھے اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا۔ ’’میں تمھارے لئے خصوصی طور پر سبزیوں کا سوپ اور بھوجی لاؤں ہوں، ہسپتال کے باورچی خانے میں تمھاری فیکٹری سے کسی مارٹن نے ہمیں بتایا تھا کہ تم خنزیر وغیرہ کا گوشت نہیں کھاتے ہو، اور سبزی خور ہو۔ ‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ بولے جا رہی تھی۔
’’یہ تم گاندھی کے ہموطن گوشت کیوں نہیں کھاتے ہو؟‘‘ اُس کی اِس بات پر مجھے قدرے ہنسی آ گئی۔ اچھا ہوا وہ مجھے ہندوستانی سمجھ رہی تھی کم از کم میرا ملک تو اس بدنامی سے محفوظ تھا کہ ہم پاکستانی گوشت نہیں کھاتے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں بھلا اسے یہ کیوں بتاتا کی گاندھی دنیا والوں کے لئے کچھ ہی کیوں نہ ہو، ہم اُسے اپنا ہیرو تسلیم نہیں کرتے!
اُس نے مجھے بڑے خلوص سے کھانا کھلایا، میرا منہ صاف کیا اور پھر کافی کا ایک کپ پلانے کے بعد مجھے بستر پر واپس لٹا کر اس نے اپنے برتن سنبھالے اور چلنے لگی تو اُس کی نظر میز پر رکھی، مارٹن کی چھوڑی ہوئی بیئر کی خالی بوتل پر پڑی اور پھر اُس نے کنکھیوں سے مجھے دیکھا۔
’’جب تم بیئر پی سکتے ہو تو خنزیر کا گوشت کیوں نہیں کھا سکتے؟‘‘ اس نے جاتے جاتے سوال کر ڈالا۔ میں نقاہت کی وجہ سے جواب نہ دے سکا اور وہ مسکراتی ہوئی ’’شام بخیر‘‘ کہہ کر کمرے سے چلی گئی، کم عقل کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ ایک ہندو اور ایک مسلمان میں کیا فرق ہے! مجھے معلوم نہیں کب میری آنکھ لگ گئی اور، صبح جب اُٹھا تو یہی کوئی چھ، سات بجے ہوں گے کہ میرے کمرے کا دروازہ کھلا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ہسپتال کے ڈاکٹر کے ساتھ میری فیکٹری کا مالک بھی اندر داخل ہو رہا ہے۔ میں نقاہت اور بازو میں درد کے باوجود اُٹھ کر بستر پر بیٹھ گیا۔
’’صبح بخیر، خان!‘‘ مالک نے مسکراتے ہوئے کہا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’خدا کرے،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم اب ٹھیک لگتے ہو۔ ‘‘ ڈاکٹر نے میرے بازو کو ادھر اُدھر ہلا ہلا کر دیکھا اور پھر ایک پرچے پر کچھ اوٹ پٹانگ لکھ کر میرے حوالے کرتے ہوئے، مجھے خوشخبری دی ’’تم ہفتے ڈیڑھ ہفتے کے اندر ٹھیک ہو جاؤ گے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب ہماری طرف سے تم فارغ ہو بس ذرا احتیاط کرنا، ہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جمعہ کے روز پھر آ جانا ہم پلستر اتار کر دیکھیں گے۔ ‘‘ اُس نے اتنا کہا اور کمرے سے باہر جانے کے لئے دروازے کی طرف چلنے لگا۔ ’’شاید تم دونوں کو کچھ باتیں کرنی ہوں، خدا حافظ۔ ‘‘
ڈاکٹر کے چلے جانے کے بعد مالک نے مجھے ایک لفافہ دکھاتے ہوئے اُسے میز پر رکھ دیا۔
’’یہ تمھاری تنخواہ ہے، لفافے میں بونس کی رقم بھی رکھی ہوئی ہے، اور ہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب یہاں سے فارغ ہوتے ہی، تمھیں گھر جانا ہو گا۔ ‘‘ یہ کہتے ہوئے اس نے اپنے کوٹ کی اندرونی جیب میں ہاتھ ڈالا اور پھر وہاں سے کچھ نکال کر میری طرف بڑھاتے ہوئے بولا ’’سنو! بس وغیرہ پر مت جانا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ کچھ پیسے ہیں، ٹیکسی لے لینا اور سیدھا گھر جانا، ٹھیک ہو جاؤ گے تو کام پر واپس آ جانا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب میں چلتا ہوں ورنہ فیکٹری سے دیر ہو جائے گی۔ ‘‘ وہ جانے کے لئے مُڑنے ہی والا تھا کہ میں نے دیکھا، آج وہ کان میں چھلّا نہیں پہنے ہوئے تھا اور اُس کے سر سے ہیٹ بھی غائب تھا، ہاں اس کی گردن میں نکٹائی ضرور لٹک رہی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مجھے مارٹن یاد آ رہا تھا۔
میں نے نرس کو بلانے کے لئے گھنٹی کا بٹن دبایا تو وہ یوں حاضر ہو گئی گویا میں نے کوئی الہ دین کا چراغ رگڑا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’کیا بات ہے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ صبح بخیر!‘‘ وہ بولی۔
’’مجھے ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے، گھر جانا چاہتا ہوں، کیا تم میرے لئے ایک ٹیکسی بلوا سکتی ہو؟‘‘ میں نے کہا۔
’’او۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیوں نہیں !‘‘ اس نے اپنے لمبے سنہری بال شانوں پر بکھیرتے ہوئے کہا اور، ٹیکسی کے لئے فون کرنے چلی گئی۔ ۔ ۔ ۔ ۔
تھوڑی ہی دیر بعد وہ واپس میرے پاس آ گئی۔ ’’میں نے فون کر دیا ہے، ٹیکسی ابھی آتی ہی ہو گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آؤ میں تمہیں ٹیکسی تک چھوڑ آتی ہوں۔ ‘‘ اس نے میری طرف بڑھ کر مجھے سہارا دینے کی کوشش کرتے ہوئے کہا۔
میں نے اپنے کپڑوں والا تھیلا اٹھایا اور سوچا کہ اب گھر پہنچ کر ہی کپڑے بدلوں گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’پھولوں کے یہ گلدستے ساتھ نہیں لے جاؤ گے کیا؟‘‘ نرس نے میری طرف دیکھتے ہوئے پوچھا۔ ’’ہاں، کیوں نہیں !‘‘ میں نے کہا اور گلدستے بھی اٹھا لئے۔ اب وہ ہسپتال کے دروازے تک مجھے چھوڑنے کے لئے میرے ساتھ ساتھ چلنے لگی، میں نے کمرے سے نکلتے ہوئے پیچھے مڑ کر ایک بار اندر دیکھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مارٹن کی چھوڑی ہوئی بیئر کی خالی بوتل ابھی تک میز پر پڑی تھی۔
٭٭٭

ایک عرصے بعد

’’نہیں، نہیں !میں نہ ایسا کر سکتا تھا اور نہ ہی یہ ممکن ہے کہ میں نے ایسا کیا ہو!‘‘
وہ ابھی تک بستر پر ٹانگیں پھیلائے بیٹھا ہوا تھا۔ اس نے اپنا سر دونوں ہاتھوں میں تھام رکھا تھا۔ کیا واقعی میں نے اُسے قتل کر دیا ہے!‘‘ اس نے گہری کربناک اذیت کے ساتھ اپنے ذہن پر زور دیتے ہوئے سوچا اور ادھر اُدھر دیکھنا شروع کر دیا۔ اسے نہ تو وہاں کوئی لاش دکھائی دی اور نہ ہی ایسے کوئی آثار جن سے پتہ چلے کہ کسی کو یہاں اُس کی خوابگاہ میں ابھی ابھی قتل کیا گیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اور اگر میں نے کسی کو قتل نہیں کیا تو پھر یہ احساسِ جرم کیسا؟‘‘ اس نے خود سے سرگوشی کی اور بستر پر لیٹ کر چھت کو گھورنے لگا۔ اسے کچھ ہی دیر پہلے نیند میں دیکھا ہوا خواب یاد آنے لگا تھا۔
’’تھو! لعنت ہے شیطان پر۔ ‘‘ وہ ایک طرح سے بڑبڑایا۔ اس کے ہاتھ کانپ رہے تھے اور بدن پسینے سے تر تھا اور یک ٹک نگاہ، ابھی تک چھت پر ٹکی ہوئی تھی۔ اسے یوں لگا کہ جیسے وہ سرسامی کی حالت میں ہو۔ لیکن نہیں یہ تو محض اس کا اپنا وہم تھا۔ اس نے اپنے ماتھے پر اپنی ہتھیلی رکھ کر یہ جاننا چاہا کہ کہیں اسے بخار تو نہیں، نہیں ایسا بھی نہیں تھا۔ ’’تو پھر یہ سب کچھ کیا ہے؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا اور ایک بار پھر بستر پر ٹانگیں پھیلا کر بیٹھ گیا۔ اس نے ہاتھ بڑھا کر بستر کے قریب پڑی ایک چھوٹی سی میز سے سگریٹوں کا پیکٹ اٹھانا چاہا، لیکن اس کا ہاتھ میز پر رکھی، شراب سے آدھی بھری ہوئی بوتل سے جا ٹکرایا اور وہ یکدم فرش پر گر پڑی، جس سے سب کچھ، فرش پر پڑا قالین، اس کے جوتے اور اُن سے کچھ ادھر پڑی ہوئیں اُس کی جرابیں، سب کچھ شراب سے تر بتر ہو گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’سرخ شراب!‘‘ وہ بڑا بڑا کر بستر سے نکل پڑا۔ جلدی جلدی سب چیزیں سنبھالتے ہوئے وہ زیر لب بڑبڑایا ’’تو یہ تھا میرا خواب، کم بخت، سرخ شراب! لیکن نہیں میں نے تو اپنی خوابگاہ میں، خون دیکھا تھا خون! قتل کرنے کے بعد، مقتول کے بدن سے بہتا ہوا سرخ خون!‘‘ وہ مسلسل سوچ رہا تھا۔ ’’اف لعنت ہے ان شیطانی خیالات پر۔ ‘‘ اس نے سب چیزوں کو ایک پرانے تولیے سے خشک کیا اور پھر اپنی خوابگاہ سے نکل کر تولیے کو باورچی خانہ میں پڑے ’’ڈسٹ بن‘‘ میں پھینک دیا۔ اب وہ قدرے مطمئن لگ رہا تھا۔
’’میں نے کوئی قتل وغیرہ نہیں کیا یہ محض میرا خواب اور اس کی وجہ سے پیدا ہو جانے والا صرف ایک واہمہ ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بس واہمہ اور کچھ بھی تو نہیں۔ ‘‘ اب وہ ڈرائنگ روم میں صوفے پر بیٹھا سگریٹ پی رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’کتنا بھیانک خواب تھا میرا۔ ‘‘ اس نے سوچا۔ ’’شاید یہ شراب کی وجہ سے تھا۔ ‘‘ سوچ کی لکیر ابھرنے لگی تھی۔ اس کے ہونٹوں پر ایک ہلکی سے مسکراہٹ ابھری۔ ’’آخر میں نے ہمت کیسے کر لی اسے قتل کرنے کی،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہی تو کہا کرتی تھی کہ میں تو بلّی تک نہیں مار سکتا۔ ‘‘ اس نے سگریٹ کا گہرا کش لگایا اور اسے راکھدان میں بجھا دیا اور کھڑے ہو کر ایک بھر پور انگڑائی لی اور اچانک ایک بے تعلق خیال نے یکبارگی اسے تقریباً قہقہہ لگانے کی حد تک ہنسا دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’میں قتل کر سکتا ہوں، کم از کم خواب میں تو میں نے ایسا ہی کیا ہے۔ ‘‘ وہ یہ سوچتے ہوئے غسلخانے کی طرف چل دیا۔ وہاں سے فارغ ہو کر اُس نے اپنے لئے کافی بنائی اور صوفے پر بیٹھ کر پینے لگا۔
’’تو اب کیا کیا جائے؟‘‘ اس نے کافی کی پیالی سے اُٹھتی ہوئی بھاپ کو دیکھتے ہوئے خود سے سوال کیا۔ اسے کافی کی خوشبو بہت بھلی لگ رہی تھی اور اب وہ اپنے آپ کو بہت ہلکا محسوس کر رہا تھا۔ وہ بستر ٹھیک کرنے کے خیال سے اُٹھ کر اپنی خوابگاہ کے اندر گیا لیکن بستر ٹھیک کرنے میں لگ جانے کی بجائے پلنگ پر بیٹھ کر ادھر اُدھر دیکھنے لگا۔ سرخ شراب کے دھبّے ابھی پوری طرح خشک نہیں ہو پائے تھے۔ اس کی نظریں ان دھبّوں پر ٹکی ہوئی تھیں اور اس کا خیال پھر نیند میں دیکھے ہوئے خواب کی طرف چلا گیا۔
ُ’معاملہ آج یہاں تک بڑھ گیا تھا کہ مائیبریٹ نے اُس کے منہ پر تھوک دیا تھا اور اس کے ساتھ ہی وہ نہایت غیظ و غضب میں اُسے گالیاں بھی دے رہی تھی۔ کمینہ ! گھر کی پیسٹری چھوڑ کر دوسروں کی ڈبل روٹی پر جھپٹنے والا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مَردود۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حرامی پلّا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میری زندگی خراب کر دینے والا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سور!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اور اب اُس نے اس کے گریبان کو پکڑنا چاہا ہی تھا کہ اس نے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کھانے کی میز پر پڑی ہوئی روٹی کاٹنے والی
چھری اُٹھا کر مائیبریٹ کے سینے میں گھونپ دی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ خون میں لت پت، ہلکا رہی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’میری حد سے زیادہ محبت کا یہ صلہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ بھی مجھے قبول ہے۔ ‘‘ اُس کی کھلی ہوئی مردہ آنکھیں اس کے چہرے پر ٹکی ہوئی تھیں۔ اس کے گالوں کا سرخ سیبی رنگ پیلا پڑ چکا تھا اور وہ ابھی تک اس کی لاش کے قریب کھڑا تھا۔ خون میں تر بتر چھُری ابھی تک اس کے ہاتھ میں تھی۔ ‘‘
اپنے خواب میں دیکھے ہوئے اس منظر پر وہ ایک پاگل کی طرح کھل کر ہنسا اور پھر یکدم اس پر جیسے جمود طاری ہو گیا ہو۔ وہ برسوں پہلے کی اپنی دنیا میں جا چکا تھا۔ اسے مائیبریٹ کے ساتھ اپنے کالج اور یونیورسٹی کے گزرے ہوئے ماہ و سال اور گھریلو زندگی کے شب و روز یاد آنے لگے تھے۔ وہ اس کے ساتھ کتنی ہی گہری اور بھر پور محبت کرتی تھی۔ سدا مسکراتے رہنے والے چہرے اور گھنے لمبے سنہری بالوں اور گہری نیلی آنکھوں والی معصوم صورت، مائیبریٹ!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُسے اُس سے جدا ہوئے اب ایک سال کا عرصہ ہو نے کو آیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’نجانے اب کہاں ہو گی؟‘‘ اس نے ایک لمبی ٹھنڈی آہ بھری۔ وہ شاید اپنے خواب کو بھول گیا تھا اور مائیبریٹ کے بارے میں سوچنے لگا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ کیا سوچنے لگا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ تو خود خیالات تھے جو اس کے ذہن میں ابھر رہے تھے۔ ’’اطاعت گزار! وہ تو مجسمۂ اطاعت تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میری ہر بات کو بخوشی قبول کر لینے والی، مائیبریٹ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور میں !، تھو ہے مجھ پر!! آخر وہ کب تک یہ سب کچھ برداشت کرتی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس نے ٹھیک ہی تو کیا، مجھ سے الگ ہو گئی۔ ‘‘
اب اس کے ہونٹوں پر ایک کھسیانی سی ہنسی تھی اور وہ یہ بھول ہی گیا تھا کہ وہ اپنی خوابگاہ میں کیا کرنے آیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’مجھ سے الگ ہو گئی تھی!‘‘ اس نے پھر سوچنا شروع کر دیا۔ ’’وہ مجھ سے الگ کیا ہوتی، یہ تو میں خود ہی تھا جس نے اُسے نکال باہر کیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس میں اتنی ہمت ہی کہاں تھی جو وہ مجھ سے کبھی جدا یا الگ ہو جانے کا سوچتی بھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ تو میرا اپنا اعتماد تھا جو مجھے دھوکا دے گیا۔ ‘‘ اس نے اپنے شانے اچکائے اور اپنے سر کو جھٹکا دے کر اپنے خیال کو مسترد کرنا چاہا۔ ۔ ۔ ۔ ’’۔ نہیں، نہیں ! یہ میرا اعتماد نہیں تھا، دھوکا خود اُس نے مجھے دیا، وہی تو کہا کرتی تھی کہ وہ میرے بغیر ایک لمحہ نہیں گزار سکتی اور نہ میرے بغیر وہ زندگی کا تصور کر سکتی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بائیس برس کی رفاقت و قربت پر کمینی نے اُس روز میرے ذرا سے غصے کو بھی برداشت نہ کیا، لیکن آج وہ یوں اس طرح میرے ذہن میں کہاں سے ٹپک پڑی؟‘‘ اس نے سوچا اور پلنگ پر بیٹھے بیٹھے ایک جمائی لی اور پھر اُٹھ کر الماری میں سے کپڑے نکال کر پہننے لگا۔ کپڑے پہن کر وہ ڈرائنگ روم آ گیا اور کھڑکی کے پردے ہٹا کر باہر دیکھنے لگا۔
’’میں نے ٹھیک ہی تو کیا، جو اُسے نکال باہر کیا تھا۔ وہ اپنی محبت کے عوض شاید مجھے غلام سمجھنے لگی تھی اور مجھے ’’ایک ہی تھالی کا کتا‘‘ بنا کر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میری آزادی کو اپنی مٹھی میں بند رکھنا چاہتی تھی۔ ‘‘ اس نے کھڑکی سے باہر دور دور تک دیکھتے ہوئے ایک بار پھر مائیبریٹ کے متعلق سوچا۔ اسے ایک طرح کی خوشی کا احساس ہوا اور اُس نے اپنے اس بد طینت احساس کو ذہن میں مضبوط کرتے ہوئے آگے بڑھ کر کھڑکی کھول دی۔ اسے باہر سے اندر آنے والی تازہ ہوا میں بھیگی مٹی کی باس محسوس ہوئی، سامنے کے سر سبز پارک میں جا بجا خوش رنگ پھولوں کی کیاریوں پر جونہی اس کی نظر پڑی اُسے اپنے اندر ایک عجیب انجانے ہیجان کا احساس ہوا۔ وہ کچھ دیر کھڑکی کے قریب کھڑا باہر کے دلفریب منظر اور اندر آنے والی ٹھنڈی ہوا کے پر سکون جھونکوں سے لطف اندوز ہوتا رہا اور پھر اُس نے کھڑکی بند کر کے پردہ گرا دیا اور ڈرائنگ روم میں بے معنی سا ادھر اُدھر ٹہلنے لگا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن یہ کیا!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ تو اب گھر کے دروازے سے باہر سڑک پر کھڑا تھا۔
اسے یہ پتا ہی نہیں چل پایا تھا کہ وہ گھر سے کب اور کیسے باہر نکلا اور کس طرح سڑک پر پہنچا تھا۔ ’’کہیں یہ بھی خواب ہی کا حصّہ تو نہیں ؟‘‘ اسے ایک بار پھر خواب کا خیال آیا۔ ’’کیا بیوقوفی ہے، ایسا ہو ہی نہیں سکتا!‘‘ اپنے اس فیصلہ کن چوکنے پن پر اسے خود بے یقینی کا احساس بھی ہو رہا تھا۔ وہ سر سبز پارک میں رنگا رنگ پھولوں کی کیاریوں کو دیکھنا چاہتا تھا لیکن وہ تو کسی اور ہی طرف جا رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کہاں ؟ یہ شاید اسے خود بھی معلوم نہیں تھا۔ اب وہ کسی بھی چیز کے بارے میں سوچ نہیں رہا تھا۔ بس یوں ہی کچھ خیالات، کچھ تصورات، بالکل بے ترتیب اور بے ربط۔ ۔ ۔ ۔ ۔، وہ مسلسل چلے جا رہا تھا۔ لیکن جونہی وہ اپنی اس بے خیالی میں سڑک پر لگی ٹریفک لائٹ سے بائیں طرف مُڑ کر ذرا آگے بڑھا، اس کی نظر کلیسا کے گھڑیال پر پڑی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اچھا تو ایک بجنے والا ہے! اس نے دیکھا کہ کچھ لوگ کلیسا سے باہر نکل رہے تھے۔ ’’کاش میں بھی اِن لوگوں میں شامل ہونے کے قابل ہوتا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں بھی خداوند کے حضور دعا کرتا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اپنے گناہوں کی معافی کے لیے۔ ‘‘اس نے لمحہ بھرکے لئے سوچا اور پھر خود ہی اپنے خیال کو مسترد کر دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’گناہ! کیسے گناہ!!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نے تو کبھی کوئی گناہ کیا ہی نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں، وہ قتل!‘‘ وہ اپنے اس خیال پر مسکرایا۔ ’’وہ تو محض خواب تھا۔ اس نے ایک بھرپور قہقہہ لگایا۔ سڑک کنارے اُگی کھاس پر دانہ چُگنے والے کبوتر پر پھڑپھڑاتے ہوئے ہوا میں اُڑ گئے۔ اس نے کبوتروں کو اُڑتے دیکھا تو ضرور لیکن اس کی رفتار میں کمی نہیں ہوئی تھی۔
اب وہ چلتے چلتے نہر کے دوسرے کنارے پر پہنچ چکا تھا۔ اس نے دیکھا کہ بہت سے لوگ ایک دوسرے سے بے خبر ادھر اُدھر گھوم رہے تھے۔ کچھ ریت پر لیٹے آفتابی غسل کر رہے تھے، کیا مرد کیا عورتیں، بوڑھے، جوان، بچے سبھی اپنی اپنی لے میں تھے۔ کچھ جوڑے ایک دوسرے سے سرمستیاں کر تے اپنے من کی دنیا میں گم تھے۔ وہ بھی ادھر ادھر دیکھتے ہوئے اب ایک بینچ پر بیٹھ چکا تھا۔ اتنی خوشگوار روپہلی دھوپ اور رنگین ماحول کے باوجود اسے اپنا سر چکراتا محسوس ہوا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اف میرے خدایا!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آخر یہ سب کچھ کیا ہے؟‘‘ اُس نے بینچ پر بیٹھے بیٹھے اپنے جوتے کی نوک سے ریت پر ایک گہری لمبی لکیر کھینچتے ہوئے سوچا۔ ’’اس خواب کے کیا معنی ہو سکتے ہیں اور کیا خواب بھی کچھ معنی رکھتے ہیں ؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خواب کی تعبیر! کاش کوئی جان سکتا!!‘‘ اب وہ اپنی نظریں نہر میں بہتے ہوئے صاف و شفاف پانی کی سطح پر جمائے ہوئے تھا۔ ’’کتنا بھیانک تھا میرا خواب۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میرے ہاتھ سے قتل۔ ۔ ۔ ۔ ۔ عمداً قتل، اور وہ بھی مائیبریٹ کا قتل!‘‘ اس نے سگریٹ کا پیکٹ نکالنے کے خیال سے جیب میں ہاتھ ڈالنا چاہا لیکن یہ کیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جیب سے سگریٹوں کا پیکٹ نکالنے کی بجائے وہ اپنے ہاتھ سے اپنے سینے پر صلیب کا نشان بنا رہا تھا۔ اب وہ خود محسوس کر رہا تھا کہ وہ بے حد اداس، کھویا کھویا سا اور بہت ہی بے ڈھنگے پن سے تشویش و تردد میں مبتلا تھا۔ اب وہ سگریٹ نکال کر سلگا چکا تھا اور لمبے لمبے کش لے رہا تھا۔ اسے اپنی تشویش سے ڈر لگنے لگا تھا۔ اس کی نظریں نہر کے پانی میں ابھرتی ڈوبتی لہروں پر جمی تھیں اور ذہن میں خیالات کے بھنور گرداب کے صورت ابھر رہے تھے۔ ’’تو کیا واقعی میں مائیبریٹ کے ساتھ ایسا ہونا چاہیے تھا!‘‘ اچانک اس نے اپنا داہنا ہاتھ جھٹک کر سگریٹ ریت پر پھینک دیا ’’کم بخت نے انگلیاں ہی جلا دی ہیں۔ ‘‘ وہ زیر لب بڑبڑایا۔ وہ اپنی سوچ میں اتنی گہرائی میں اتر چکا تھا کی اسے انگلیوں میں دابے جلتے ہوئے سگریٹ کا بھی دھیان نہیں رہا تھا۔
’’آخر یہ خواب، یہ خیالات، یہ سوچ، یہ سب کیا ہے؟‘‘ وہ خالی آنکھوں سے ادھر اُدھر دیکھتے ہوئے فلسفے کی گنجلیاں سلجھانے کی کوشش میں سوچنے لگا تھا۔ ’’قتل تو میں نے کیا نہیں !‘‘ اس نے قطعی طور پر فیصلہ کرتے ہوئے خود سے سرگوشی کی۔ ’’خواب محض خواب تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور بس! مجھے یہ بھول ہی جانا چاہیے۔ ‘‘
اب وہ اپنے آپ میں آنے لگا تھا، لیکن وہ بینچ سے اُٹھتے اُٹھتے پھر وہیں بیٹھ گیا تھا۔ مائیبریٹ کا خیال آج اسے اس طرح کیوں آنے لگا تھا۔ وہ پھر سوچنے لگا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’کیا میرے اندر اُس کے لئے کہیں
پھر دوبارہ محبت تو نہیں پھوٹ رہی؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا۔ ’’نہیں، نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایسا نہیں ہو سکتا، اس روز میں ہی نے تو اسے دھتکار کر گھر سے باہر نکال دیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن کیا میں سچ مچ ایسا ہی کرنا چاہتا تھا؟‘‘ اسے یاد آیا کہ مائیبریٹ سے الگ ہونے پر اُس کے دوستوں نے اسے کیا کیا لعنت ملامت نہیں کی تھی اور اسے کس کس انداز سے مورد الزام نہیں ٹھہرایا تھا اور پھر وہ آہستہ آہستہ ایک ایک کر کے اُس سے دور ہوتے گئے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’نہیں، نہیں یہ تو میں خود ہی تھا جس نے اُن سے کنارہ کشی کر لی تھی۔ وہ تو خود چاہتے تھے کہ کسی طرح میرا گھر تباہ ہو جائے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کمینے! ایک دوسرے کی منگیتروں اور بیویوں پر نگاہ رکھنے اور اُن سے مباشرت کرنے والے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حرامی پلّے!‘‘ وہ اپنے دوستوں کے متعلق اپنی اس دلیل پر اپنی ہنسی ضبط نہ کر سکا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’میں بھی تو انہی میں شمار ہونے لگا تھا۔ ‘‘ اس نے سوچا اور پھر اچانک اسے وقت گزرنے کا احساس ہوا۔ شام کے سائے پڑنے لگے تھے۔ ’’کیا میں نے یہیں بیٹھے بیٹھے دن گزار دیا ہے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں بھی الّو ہی ہوں !۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ ایک طرح خود سے الجھتے ہوئے اُٹھا اور گھر جانے کے خیال سے چلنے لگا۔
نہر کے کنارے گھومنے پھرنے اور سر مستیاں کرنے والے لوگ وہاں سے کبھی کے جا چکے تھے اور جو باقی تھے وہ بھی اپنی اپنی راہ لینے کی تیاریوں میں تھے۔ اس نے ایک لمحہ کے لئے رک کر ایک انگڑائی لی۔ اُسے یوں لگا جیسے اُس کی انا کا حصار ٹوٹ چکا ہو۔ اپنی ہی پیدا کردہ لاکھ وجوہات کے باوجود وہ مائیبریٹ کو کسی بھی وجہ سے مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’وہ دیہاتن‘‘ اس نے سوچا۔ اب وہ ناک کی سیدھ میں چلتا جا رہا تھا اور اپنے آپ میں ایک نئی تحریک محسوس کرنے لگا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اس زندگی کو آگے بڑھنا ہی چاہیے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آخر کہاں تک ایسے ہی رہا جائے گا۔ ‘‘ وہ مسلسل چلتا جا رہا تھا۔ اب وہ بڑی سڑک پر نکل آیا تھا۔ اچانک اُس نے قطعی طور پر محسوس کیا کہ اسے اب اپنے آپ سے سوالات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اسی وقت اچانک ایک خیال بڑی وضاحت کے ساتھ اُس کے سامنے آیا جیسے انتظار میں تھا کہ اُس پر قطعی وار کرے۔ ’’آخر کس لئے، اب کس لئے میں اُس کے پاس جاؤں۔ ۔ ۔ ۔ مجھے اُس کی آنسوؤں کی ضرورت نہیں اور نہ ہی میں اس کے خوف کے پتھر کھانا چاہتا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اب پھر وہ خیالات کے بھنور میں گر چکا تھا اور ادھر اُدھر دیکھے بغیر بھیڑ میں سے اپنی راہ بناتا چلتا جا رہا تھا۔ لیکن یہ راہ تو اس کے گھر کو نہیں جاتی تھی اور اب وہ جا کدھر رہا تھا اس بارے میں شاید اُس نے خود بھی نہیں سوچا تھا۔ اسے اپنے سامنے، سے ایک شرابی آتا ہوا دکھائی دیا جو آگے جا کر ایک بار میں داخل ہو گیا تھا۔ اب اُسے یہ معلوم ہی نہ ہو سکا کہ وہ خود بھی تو اُسی بار کے دروازے سے اندر داخل ہو چکا تھا۔ اس نے آگے بڑھ کر اپنے لئے ٹھنڈی بیئر کی ایک بوتل لی اور وہیں کھڑے کھڑے اسے غٹاغٹ پی گیا۔ اب جو اُس نے بار میں ادھر ادھر دیکھا تو سوائے سگریٹوں کے بے تحاشا دھوئیں اور کچھ بوڑھے شرابیوں کے اور کچھ اسے وہاں دکھائی نہیں دیا تھا اور وہ شرابی جو اس نے بار میں داخل ہوتے دیکھا تھا اب نجانے کہاں تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس نے بیئر کی ایک اور بوتل خریدی اور کچھ دیر وہیں کھڑے کھڑے اُسے ختم کر کے بار سے باہر نکل آیا۔
’’اف میں کس قدر گر چکا ہوں۔ ‘‘ بار سے باہر سڑک پر نکلتے ہی جب وہ ایک راہگیر سے ٹکرایا تو اسے احساس ہوا کہ غالباً یہ جلدی میں پی ہوئی بیئر کا اثر تھا۔ وہ سنبھلنے کی کوشش میں آگے بڑھنے کا سوچ ہی رہا تھا کہ اُسے ایک جوڑا ایک دوسرے کی کمر میں بازو ڈالے، اٹھکیلیاں لیتے، اپنے سامنے سے آتا ہوا دکھائی دیا۔ وہ تھوڑی دیر کے لئے رک کر اس جوڑے کو دیکھنا لگا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن بالکل غیر ارادی طور پر اُسے یوں لگا کہ وہ جیسے نہ صرف اپنے دوستوں، اپنے جاننے والوں سے الگ ہو چکا تھا بلکہ وہ تو اپنے آپ سے بھی الگ ہو چکا ہوا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’میری ساری امیدیں، اپنے بارے میں میری خیالات اور منصوبے، وہ سب کچھ کیا ہوئے؟‘‘ اس نے خود سے سرگوشی کی اور پھر چلنے لگا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’مجھے اپنی ضرورت کا اعتراف کر لینا چاہیے۔ ‘‘ اب اُسے بھوک کا احساس ہونے لگا تھا۔ ’’مجھے خود کو کسی سے وابستہ کر ہی لینا چاہیے‘‘ اب وہ شہر کے ایک با رونق چوراہے میں کھڑا سوچ رہا تھا کہ کدھر جائے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ہاں ! کیفے سمر سکو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اسے خیال آیا کہ ایک مدت سے وہ اپنی پسند کے اس کیفے کو کیسے بھولے رہا۔ اب وہ پھر چلنے لگا تھا، اپنے ادر گرد کے ماحول سے بالکل بے خبر۔
اب اُس کے ذہن میں ’’کیفے سمر سکو‘‘ کا منظر تھا۔ وہی کونے والی مخصوص میز، دوستوں کے حلقے میں بیٹھے خوش گپیاں، علم و ادب اور فنون لطیفہ کے مختلف موضوعات پر لمبی بحثیں اور حالات حاضرہ کی تشریحات اور پھر رات گئے وہاں سے اُٹھ کر، مائیبریٹ کی کمر میں بازو ڈالے، گلیوں بازاروں سے ہوتے ہوئے گھر تک کا سفر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ زیر لب مسکرایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اگر وہاں کوئی جاننے والا مل گیا تو کیفے ٹیریا میں اتنی مدت سے نہ آنے کی اپنی وجہ کیا بتاؤں گا؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اس وقت وہاں شاید ہی کوئی جاننے والا ملے گا اور اگر کوئی ہوا بھی تو ضروری نہیں کہ وہ یہی سوال پوچھے گا۔ ‘‘ اب وہ ایک طرح سے مطمئن دکھائی دیتا ہوا کیفے ٹیریا کے دروازے سے اندر داخل ہو چکا تھا۔ اس نے ارد گرد کے ماحول پر اچکتی سے ایک نگاہ ڈالی اور آگے بڑھ کر کاؤنٹر پر کھڑی لڑکی کو اپنے لئے کھانے کا آرڈر دے دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’لیم اور چیز کے دو سینڈوچ۔ ‘‘ یہاں تو عملہ بھی پہلے والا دکھائی نہیں دیتا۔ ‘‘ وہ یہ سوچتا ہوا خود کونے والی اپنی اسی مخصوص میز کی طرف بڑھ گیا جہاں وہ کبھی دوستوں کے ساتھ بیٹھا کرتا تھا۔ میز پر بیئر سے آدھا بھرا ایک گلاس اور آدھی خالی بوتل یوں پڑی تھی جیسے کوئی بیئر پیتے پیتے اُکتا کر اپنی پیاس ادھوری چھوڑ کر چلا گیا ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس کی نگاہ گلاس کے کنارے پر رک گئی۔ وہاں لپ سٹک کے رنگ سے ہونٹوں کے نشان پڑے ہوئے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ مسکرائے بغیر نہ رہ سکا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’معلوم نہیں اسے ایسی کیا جلدی ہو گی جو اپنی بیئر بھی ختم نہ کر سکی۔ ‘‘ اس نے ہاتھ بڑھا کر گلاس اور بوتل کو میز کے ایک کونے کی طرف سرکا دیا اور اور ایک کرسی گھسیٹ کر اُس پر بیٹھ گیا اور کھانے کے آنے کا انتظار کرنے لگا۔
اس نے غیر ارادی طور پر، گلاس کے کنارے پر ثبت لپ سٹک سے بنے ہونٹوں کے نشان کو پھر دیکھا اور اپنے بازو میز پر پھیلا کر اُن کے درمیان اپنا سر یوں پھینچ لیا گویا اُسے ڈر ہو کہ کوئی اس کا سر اُٹھا کر لے جائے گا۔ اسے خیال آیا کہ محض ایک خواب کی وجہ سے اس کا سارا دن یونہی بیکار گزرا ابھی وہ اور کچھ سوچنے ہی والا تھا کہ عین اسی لمحے اسے احساس ہوا کہ ویٹرس کھانا لے آئی تھی۔ اُس نے اپنے سر اوپر اٹھا کر دیکھا تو ہکا بکا رہ گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’مائیبریٹ!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم، یہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اُس کی آواز حلق سے بمشکل نکل رہی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’تم، تم آج ادھر کیسے؟‘‘
ابھی وہ دونوں ایک دوسرے سے اچھی طرح آنکھیں چار بھی نہیں کر پائے تھے کہ مائیبریٹ کے پیچھے کھڑی ویٹرس نے آگے بڑھ کر اُس کے لئے میز پر کھانا لگا دیا۔ ۔ ۔ ۔ ’’نوش جان!‘‘ وہ کھانا لگا کر جا بھی چکی تھی۔
مائیبریٹ ابھی تک بت بنی کھڑی، میز پر پڑی بیئر کی آدھی بوتل اور گلاس کو دیکھ رہی تھی۔ ’’تو کیا، یہ تم یہاں بیٹھی بیئر پی رہی تھیں ؟‘‘ اس نے ایک طرح سے اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے پوچھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کھانا کھانے والی چھری اور کانٹے پر اُس کی گرفت مضبوط ہونے لگی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’نہیں، نہیں ! ایسا نہیں ہو سکتا۔ ‘‘ وہ بے خیالی میں جھنجلاتے ہوئے بڑبڑایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’میں ایسا نہیں ہونے دوں گا!‘‘
’’تم کیا نہیں ہونے دو گے؟‘‘ مائیبریٹ نے اُس کے سامنے والی کرسی پر بیٹھتے ہوئے اپنی بیئر کی چسکی لی۔ اس کی آنکھوں میں ایک عجیب چمک اور مقناطیسی نوعیت کی کشش تھی۔ ’’نوش جان۔ ‘‘ وہ ہونٹوں پر ہلکا سا تبسم لاتے ہوئے بولی ’’۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نوش جان۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟ کیا تم ساتھ نہیں دو گی؟‘‘ اس نے سر اُٹھا کر پہلی بار مائیبریٹ کے چہرے پر نگاہ ڈالی۔ اُس کی اپنی آنکھیں نمناک ہو رہی تھیں۔ اس نے دھندلی دھندلی نظر سے دیکھا کہ مائیبریٹ نے پلیٹ سے ایک سینڈوچ اُٹھا لیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اس کے ہاتھ سے کھانے والی چھری چھوٹ کر میز سے نیچے فرش پر گر پڑی تھی جسے اُس نے پاؤں تلے زور سے دبا رکھا تھا، اور اب ہاتھ ہی سے سینڈوچ کھانے لگا تھا۔
’’بڑے لذیذ ہیں یہ سینڈوچ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ دونوں ایک ساتھ بولے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ہاں، شاید ایک عرصے بعد جو یوں اکٹھے کھا رہے ہیں،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہاں ایک ساتھ بیٹھے۔ ‘‘ مائیبریٹ بولی۔ ’’یہ تمھارے گال پر ’’چیز‘‘ کا ایک ٹکڑا گر گیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ اُس کی طرف ایک کاغذی رومال بڑھاتے ہوئے بولی۔ لیکن وہ تو اب اُس کی آنکھوں سے بہنے والے آنسوؤں کے قطرے خشک کر رہی تھی۔ ادھر ایک دوسرے کونے میں، کیفے ٹیریا کا پرانا بوڑھا ویٹر جو نجانے کہاں سے نمودار ہو گیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کھڑا، اُن دونوں کو کنکھیوں سے دیکھتا ہوا، مسکرا رہا تھا۔
٭٭٭

فردا کا فردا ہونا!

بہار کی اُس خوشگوار شام وہ اپنے کام سے گھر لوٹا ہی تھا اور اپنے کپڑے بدل کر باورچی خانے میں کھانے کے لئے کچھ تلاش ہی کر رہا تھا کہ اچانک دروازے پر گھنٹی بجی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بہت آہستہ سے، اور پھر قدرے زور کے ساتھ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
’’کون ہو سکتا ہے؟‘‘ اس نے سوچا۔ ابھی وہ کچھ سوچ ہی رہا تھا کہ آہستہ سے پھر گھنٹی بجنے کی آواز آئی۔
وہ بن بلائے یوں چلے آنے والوں سے سخت بیزار ہو تا تھا۔ خواہ مخواہ دخل در معقولیت دینے والوں سے بچنے کے لئے اُس نے اپنے دوستوں کے ساتھ گھنٹی بجانے کے کچھ اشارے بنا رکھے رکھے۔ یہ جو کوئی بھی تھا، اُس کے دوستوں میں سے نہیں تھا تبھی تو وقفے وقفے سے آہستہ آہستہ گھنٹی بجا رہا تھا۔ شاید وہ خود تھکا ہوا تھا اور اس طرح گھنٹی بجانے والے کو سمجھ نہیں رہا تھا۔
’’ذرا صبر! میں آیا۔ ‘‘ آواز لگاتے ہوئے اُس نے آگے بڑھ کر دروازہ کھول دیا۔ ایک نوجوان لڑکی، ہلکا اُوور کوٹ پہنے دروازے کے باہر اُس کے سامنے کھڑی تھی۔ اُسے اِس لڑکی کو پہچاننے میں ایک لمحہ بھی صرف نہیں کرنا پڑا تھا۔ یہ آسیہ تھی۔ آسیہ، اس کے کالج کی دوست۔ وہ دونوں دسویں جماعت سے کالج تک اکٹھے پڑھتے رہے تھے اور، کالج کے زمانے میں تو وہ ’’رومیو اور جولیو‘‘ کے نام سے جانے جاتے تھے۔ وہ متعجب خاموش کھڑا تھا۔
’’انہوں نے مجھے چھوڑ دیا ہے۔ ‘‘ آسیہ بڑی آہستگی سے بولی۔
’’کس نے،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کب؟،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آؤ، اندر آؤ۔ ‘‘ وہ ایک طرف ہٹتے ہوئے بولا۔
’’میں آج صبح ہی یہاں پہنچی ہوں۔ میں تمھارے گھر آنے کا انتظار کرتی رہی ہوں۔ ادھر گلی میں ریسٹورنٹ میں بیٹھی رہی ہوں۔ ‘‘ اب وہ دروازے سے اندر داخل ہو چکی تھی۔ اُس نے اس کا اُوور کوٹ اُتروانے میں اس کی مدد کی اور اسے ڈرائنگ روم میں صوفے پر بیٹھنے کو کہا۔
آسیہ حیران تھی کہ فریڈرک کے محبتی روّیے اور مہربانہ انداز میں کچھ بھی تو فرق نہیں آیا تھا۔ وہ یہ حقیقت اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی تھی۔ وہی گرمجوشی، وہی پیار اور وہی دوستانہ انداز۔ ’’فریڈرک!‘‘ اس نے سوچا ’’تم بھی کیا خوب ہو۔ ‘‘ کالج کے وقت سے لے کر انہوں نے کتنی ہی بار زندگی کے سفر کے منصوبے بنائے تھے۔
کوئی سال بھر پہلے وہ ایک شام فریڈرک کے فلیٹ پر اُس سے ملنے آئی تھی اور جب فریڈرک نے آسیہ کی من پسند برانڈی کی بوتل سے اس کے لئے گلاس میں برانڈی ڈال کر اُسے پیش کی تھی تو آسیہ نے پینے سے انکار کر دیا تھا اور اپنے شانے جھٹکتے ہوئے گلاس میز پر پرے دھکیل دیا تھا۔ ایسا پہلی بار ہوا تھا۔
’’میں اب تمھارے گھر میں کبھی بھی کچھ نہیں پیوں گی۔ ‘‘ ہاں اُس نے یہی کہا تھا۔ ’’میں آئندہ کبھی بھی تمھارے فلیٹ پر نہیں آؤں گی۔ خاص طور پر تم سے ملنے تو کبھی بھی نہیں آؤں گی۔ ‘‘ آسیہ کو خود بھی سال بھر پہلے کی اپنی بات یاد تھی۔ تب فریڈرک حیران و پریشان تھا کہ آسیہ کے اس روّیے کا مقصد و سبب کیا تھا اور وہ ایسا سب کچھ کیوں کہہ رہی تھی اور کیا واقعی میں وہ ایسا ہی کرنے والی تھی؟ لیکن آسیہ نے تو اُسے بولنے پوچھنے کا موقعہ ہی نہیں دیا تھا اور اپنا ہینڈ بیگ اُٹھا کر بھیگی آنکھوں کے ساتھ فلیٹ سے باہر نکل گئی تھی۔ اور اُس کے بعد اسے کبھی نظر نہیں آئی تھی۔ نجانے وہ کہاں چلی گئی تھی۔ فریڈرک نے اُسے کافی تلاش بھی کیا لیکن بے سود، کسی کو بھی اُس کے بارے میں پتہ نہیں تھا۔ اُس کے والدین بھی شاید کسی اور جگہ گھر بدل گئے تھے۔ ’’آسیہ نے ایسا کیوں کیا؟‘‘ یہ سوال اُس کے ذہن پر نقش ہو کر رہ گیا تھا۔ اور آج، ایک سال بعد وہ اُسی کے فلیٹ میں پھر بیٹھی ہوئی تھی۔ فریڈرک نے اُسے اس کی پسندیدہ برانڈی پیش کرنے کا سوچا لیکن وہ اس پر عمل نہ کر سکا۔
’’انہوں نے اب مجھے چھوڑ دیا ہے۔ ‘‘ آسیہ اب خود ہی بولنے لگی تھی۔ ’’شاید تم میری کچھ مدد کر سکو۔ میں اس خیال سے تمھارے ہاں آئی ہوں کہ تمھیں بتا دوں کہ انہوں نے اب مجھے چھوڑ دیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم ناراض تو نہیں ہو؟‘‘
’’ناراض!میں ؟‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ناراض تو اُس شام تم خود تھیں۔ یاد ہے تم نے کیا کہا تھا؟ تم میرے فلیٹ پر کبھی نہیں آؤ گی۔ خاص کر مجھ سے ملنے تو کبھی نہیں آؤ گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور آج، تم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ اس سے آگے کچھ کہنے ہی والا تھا کہ آسیہ نے اُس کی بات کاٹ دی۔
’’میں نے ایسا تو نہیں کیا تھا۔ ‘‘ آسیہ کے ہونٹوں پر ایک مردنی سے مسکراہٹ ابھر کر غائب ہو گئی تھی۔ ’’میں نے ایسا تو کبھی بھی نہیں کہا تھا۔ ‘‘ وہ قدرے زور دیتے ہوئے بولی۔
’’میں تمھاری زندگی میں کبھی بھی تم سے نہیں ملوں گی، یاد ہے یہ تمھارے ہی تو الفاظ تھے۔ ‘‘ فریڈرک بڑی آہستگی سے بولا۔ وہ جانتا تھا کہ آسیہ جھوٹ بول رہی تھی یا پھر جس طرح کی بھی صورت حال سے وہ چار تھی اس کی وجہ سے، ہو سکتا ہے وہ ایسا کرنے پر مجبور تھی۔ وہ ایسی غیر معمولی لڑکیوں میں سے تھی جو اس بات میں فرق نہیں رکھتی تھیں کہ کیا ہے اور کیا ہونا چاہیے اور اپنے ہر خواب کو حقیقت نہیں سمجھتی تھیں۔ اب وہ دونوں ایک طرح سے آپس میں بحث کر رہے تھے۔
’’تم نے یہی کہا تھا۔ ‘‘
’’نہیں میں نے ایسا کبھی نہیں کہا تھا۔ ‘‘
’’تم نے کہا تھا!‘‘
’’نہیں !ہر گز نہیں !!‘‘
اسی بحث کے دوران فریڈرک اب باورچی خانے میں جا کر ڈبل روٹی کے ایک ٹکڑے پر مکھن لگانے لگا تھا۔ آسیہ بھی چپکے سے دبے پاؤں اُس کے پیچھے جا کر کھڑی ہو گئی تھی۔ ’’کیا تم اکیلے ہی کھاؤ گے؟‘‘ اس نے پوچھا۔
’’چاہو تو تم بھی مکھن لگا لو۔ ‘‘ فریڈرک نے ڈبل روٹی کا ایک ٹکڑا اُس کی جانب بڑھا دیا اور خود اُس نے وائین کی ایک بوتل کھولی اور اسے لے کر ڈرائنگ روم میں آ کر صوفے پر بیٹھ گیا۔ آسیہ دو خالی گلاس لئے واپس آ کر اسی کے ساتھ ہی صوفے پر بیٹھ گئی۔ اب وہ قدرے مطمئن دکھائی دے رہی تھی اور اُس کے گالوں پر شگفتہ مسکراہٹ ابھرنے لگی تھی۔ اس نے خود گلاسوں میں وائین انڈیلی اور ایک گلاس فریڈرک کو تھما دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’چیئرز!، آج کی اِس شام کے نام!!‘‘ فریڈرک بولا۔ دونوں کے گلاس ٹکرانے سے ٹک کی آواز نکلی۔ آسیہ نے ہلکی سی چسکی لینے کے بعد گلاس میز پر رکھ دیا۔ اب وہ باتیں کرنے کے موڈ میں تھی۔
’’فریڈرک تم اپنی جگہ پر ٹھیک ہی کہتے ہو لیکن جھوٹ میں بھی نہیں بول رہی۔ اُس شام میں جب تمھارے ہاں آئی تھی تو میرے والدین یہ جان چکے ہوئے تھے کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے بہت ہی قریب ہیں۔ میں انہیں کئی ماہ سے سمجھاتی رہی تھی کہ ایسی ویسی کوئی بات ہی نہیں تھی اور یہ کہ ہم دونوں تو صرف دو دوستوں کی طرح ملتے ہیں، باتیں کرتے ہیں۔ دنیا کی باتیں، زندگی کے بارے میں، ادب و آرٹ اور سیاست کی باتیں !، لیکن وہ مانتے ہی نہیں تھے۔ میرے باپ کا روّیہ تو بہت ہی سخت ہوتا جا رہا تھا۔ وہ کسی بھی صورت میں یہ برداشت کرنے پر تیار نہیں تھا کہ میں تمھارے ہاں آؤں اور تم سے ملوں۔ وہ تو کئی بار شہر میں ہمارے پیچھے ’’ٹوہ‘‘ لگاتا رہا کہ ہم کہاں جاتے اور کیا کرتے ہیں۔ ‘‘ آسیہ نے وائین کی ایک اور چسکی لی اور اپنی بات جاری رکھی۔
’’میں نے تمھیں یہ سب کچھ بتا کر پریشان کرنا مناسب نہ سمجھا کیونکہ ہم دونوں میں سوائے دوستی، بے تکلفانہ دوستی کے کسی قسم کا اور کوئی تعلق تو تھاہی نہیں اور میں تمھیں ناراض کر کے کھونا نہیں چاہتی تھی لیکن،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس شام جب میں تمھارے ہاں آئی تھی تو بات ہی کچھ اور تھی۔ اس سے کوئی ڈیڑھ ماہ پہلے میری ماں پاکستان چلی گئی تھی اور میرے باپ نے بھی پاکستان جانے کا پکّا ارادہ کر رکھا تھا۔ وہ مجھے اکیلا چھوڑ کر جانا اچھا نہیں سمجھتا تھا اور اپنے ساتھ لے جانے پر بضد تھا۔ وطن دکھانے کے لئے، رشتہ داروں سے ملانے کے لئے۔ میری پاکستانی سہیلیوں کا کہنا تھا کہ میرا باپ دراصل مجھے میری شادی کے لئے اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا۔ میں اس بات کو ماننے پر تیار نہ تھی۔ ‘‘ فریڈرک اس کی باتیں بڑے غور سے سن رہا تھا اور ساتھ ساتھ سینڈوچ کھاتا اور وائین کی چسکیاں بھی لے رہا تھا۔ آسیہ نے بھی ذرا رک کر اپنے سینڈوچ کا ایک لقمہ لیا، وائین کی ایک چسکی لگائی اور اپنے بات جاری رکھی۔
’’میرا باپ اگرچہ بہت ہی سخت قسم کا بڑا مذہبی آدمی تھا لیکن، میرے بارے میں اتنا بڑا فیصلہ وہ یوں مجھ سے پوچھے بغیر نہیں کر سکتا تھا۔ اس کا مجھے پورا یقین تھا اور یہی میری بد قسمتی تھی۔ ‘‘ آسیہ نے وائین کا ایک گھونٹ لیا اور پھر بولی۔
’’اُس شام دراصل میں تمھیں سب کچھ بتانا چاہتی تھی کہ میرا باپ مجھے اپنے ساتھ پاکستان لے جا رہا ہے۔ نجانے میں یہ بات تمھیں کیوں نہ بتا سکی۔ خود مجھے ابھی تک اس بات کی سمجھ نہیں آئی۔ شاید مجھ پر کسی کا خوف یا کوئی بوجھ تھا۔ میرے باپ کا اصرار تھا کہ اگر میں تم سے قطع تعلق کر لوں تو وہ مجھے اپنی پسند کی شادی کی اجازت دے دے گا۔ شاید یہی وجہ تھی کہ میں نے جو کیا، سو کیا۔ میرے باپ کو یقین کی حد تک اشک تھا کہ ہم دونوں کے درمیان ’’کچھ نہ کچھ‘‘ ضرور ہے۔ اب فریڈرک نے اس کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا اور اُسے آہستہ آہستہ مسل رہا تھا۔
’’مجھے ڈر تھا کہ میرے اچانک پاکستان جانے کا سن کر شاید تم ناراض ہو جاؤ گے اور یہی کہو گے کہ میں واقعی میں پاکستان شادی کے لئے جا رہی تھی۔ ‘‘ آسیہ بولتی جا رہی تھی اور اُس کی آواز میں اعتماد تھا۔
’’شاید یہی وجہ تھی۔ میں تمھیں کسی بھی صورت اداس نہیں دیکھنا چاہتی تھی اور ویسے بھی ہمارا پروگرام دو ہفتوں کے بعد واپس آ جانے کا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آسیہ نے ایک لمبی سانس لیتے ہوئے آہ بھری اور پھر اُس کی آنکھیں بھیگ گئیں۔ فریڈرک نے آگے بڑھ کر اُسے اپنے بازوؤں میں سمیٹ لیا اور اُس کے بکھرے ہوئے لمبے سیاہ بالوں کو اپنے گالوں سے سہلانے لگا۔ اِن بالوں کی بھینی بھینی خوشبو اُسے کالج اور اُس کے بعد کے اُس وقت میں لے گئی جب وہ اور آسیہ، دونوں ساحلِ سمندر پر گھنٹوں بیٹھے ایسے ہی ایک دوسرے کا لمس محسوس کرتے، فضا میں آبی پرندوں کی آزادانہ پروازوں کو دیکھ دیکھ کر لطف اندوز ہوا کرتے تھے۔ آسیہ قدرے خاموش رہنے کے بعد اب پھر بولنے لگی تھی۔
’’فریڈرک! تمھیں کیا بتاؤں، پاکستان جاتے ہی میرے با پ نے مجھے ایک طرح سے گھر میں بند کر دیا۔ میں گھر کی چار دیواری میں ادھر اُدھر گھوم تو سکتی تھی لیکن گھر سے باہر قدم رکھنے پر مکمل ممانعت تھی اور میرے باپ نے گھر کے چوکیدار کو خفیہ طور پر مجھ پر کڑی نگاہ رکھنے کا حکم دے رکھا تھا۔ میری ماں اُس کے روّیے سے اتنی خوش نہیں تھی، لیکن تم شاید نہیں جانتے ہو کہ پاکستان میں ایک مرد کو اپنی بیوی پر کیسے کیسے خدائی حاکمانہ اختیارات حاصل ہیں۔ گھر میں میری شادی کی چہ میگوئیاں ہو رہی تھیں اور اب تو مہمانوں کی عجیب آمد بھی شروع ہو گئی تھی۔ اور پھر میرے باپ اور ماں نے ایک شام مجھے اکیلے کمرے میں لے جا کر بتایا کہ وہ میری شادی گاؤں کے جاگیردار کے بیٹے سے کرنے والے ہیں اور اِس کے لئے اب مکمل تیاری کی جا چکی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ آسیہ کی آواز بھرا گئی اور وہ ہچکیاں لیتے ہوئے بولی ’’میں تمھیں تفصیلات کیسے بتاؤں، میرے لاکھ احتجاج کے باوجود میری مرضی کے خلاف زبردستی سے میری شادی کر دی گئی، اور میرے نام نہاد خاوند کے گھر والوں نے مجھے اپنے گھر لے جا کر اپنی حویلی میں بند کر دیا۔ اس جاٹ دیہاتی گھرانے کی کسی عورت نے گھر سے باہر گلی میں کبھی قدم نہیں رکھا تھا۔ مجھ پر بھی باہر نکلنے کے سبھی دروازے بند کر دیئے گئے تھے۔ یہ جاٹ جاگیردار خانوادہ اپنی عورتوں کے بارے میں بڑا سخت گیر روّیہ رکھنے میں، گاؤں بھر میں مشہور تھا،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ فریڈرک!‘‘ آسیہ نے وائین کا ایک گھونٹ لیا اور پھر بولی۔
’’فریڈرک، میں تمھیں کیا کیا بتاؤں کہ میرے ساتھ کیا کیا ہوا!‘‘۔ ۔ ۔ ۔ اب اُس کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے تھے۔
فریڈرک نے اپنی انگلیوں سے اُس کے بالوں میں کنگھی کرتے ہوئے اب اُس کے چہرے کو اپنے ہاتھوں میں لے لیا تھا۔ ’’پھر اب تم یہاں تک واپس کیسے پہنچی ہو؟‘‘ فریڈرک نے حیرانگی سے پوچھا۔
’’میں نے اپنے نام نہاد خاوند کو بتا دیا تھا کہ میرے بدن کا تو وہ اپنے آپ کو ’’زبردستی کا مالک‘‘ سمجھ سکتا ہے لیکن وہ میرا دل کبھی بھی نہیں جیت سکے گا۔ اُسے خود بھی شک تھا کہ میں ڈنمارک میں ڈینش لڑکوں کے ساتھ رہی ہوں گی۔ میں نے اُس کے اِس شک کا فائدہ اُٹھایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ مجھ سے کچھ دور رہنے لگا تھا اور پھر، ایک دن جب ہم اُس کے کسی رشتے دار کے گھر دعوت پر مدعو تھے تو وہاں میرا اور اُس کا جھگڑا ہو گیا۔ کسی نے مجھے طعنہ دیا کہ میں ڈنمارک میں لڑکوں کے ساتھ رہتی تھی اور بس۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نے وہاں خوب شور مچایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ہاں، ہاں ! میں رہتی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں وہاں لڑکوں کے ساتھ رہتی تھی۔ ‘‘ میں شور مچا رہی تھی کہ میرے نام نہاد شوہر نے مجھے بھری محفل میں تھپڑ دے مارا اور واپس گھر لا کر ایک کمرے میں بند کر دیا اور پھر دوسرے روز میرے باپ کو بلوا کر اُسے ساری کہانی سنائی اور مجھے طلاق دینے کا فیصلہ سنا دیا اور بس، پھر یہ سب کچھ آناً فاناً ہی ہو گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس نے مجھے چھوڑ دیا۔ اور میرا باپ مجھے اپنے ساتھ گھر لے آیا اور پھر،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب، دیکھ لو میں یہاں تمھارے پاس ہوں۔ ‘‘ آسیہ کی آنکھوں میں آنسو تھے اور اُس کی آواز میں ایک نرم سی شریر ہنسی کی آمیزش تھی۔
فریڈرک نے اب اپنے دونوں بازو اُس کی کمر کے گرد ڈال کر اُسے اپنے سینے کے ساتھ بھینچ لیا تھا اور اب اُس کے گالوں پر بوسے دے رہا تھا۔ اُس نے اس کے ہونٹوں پر ہلکا سا بوسہ دیا، ایک بوسہ،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایک اور بوسہ اور پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بوسہ، لیکن آسیہ کے ہونٹ تو جیسے سلے ہوئے تھے۔ فریڈرک نے اپنی زبان کی نوک کی دھار سے اس کے ہونٹوں کو کھولنے کی کوشش کی لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آسیہ نے اپنے آپ کو فریڈرک کے بازوؤں کے گھیرے سے آزاد کراتے ہوئے اپنے آنسو پونچھے۔ اب وہ اُٹھ کر کمرے کے ایک کونے میں جا کھڑی ہوئی تھی اُس کا منہ دیوار کی جانب تھا۔ فریڈرک بھی اپنی جگہ سے اُٹھ کر آہستہ سے اُس کے پیچھے جا کھڑا ہوا تھا۔
آسیہ ابھی تک خاموش کھڑی تھی۔ الفاظ شائد اس کا ساتھ چھوڑ گئے تھے یا اب بولنا اُس کے لئے ممکن ہی نہیں رہا تھا۔ دیوار اُس کی آنکھوں کے سامنے تھی۔
’’کاش میں وہاں نہ گئی ہوتی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کاش!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں وہاں نہ گئی ہوتی۔ ‘‘ آسیہ کی آواز کہیں گہری کھائیوں سے آتی سنائی دے رہی تھی۔ وہ بے حس و حرکت کھڑی دیوار پر نظریں جمائے ہوئے تھی۔ فریڈرک اب اُس کے لمبے سیاہ بالوں میں اپنی انگلیوں سے کنگھی کر رہا تھا اور اُس کی سانسوں کا لمس آسیہ اپنی گردن پر محسوس کر رہی تھی۔ آسیہ نے اب گھوم کر اُس کے چہرے کو دیکھا۔ دونوں کی آنکھیں چار ہوئیں اور آسیہ نے پھر اپنی آنکھیں بند سی کر لیں۔ فریڈرک اُس کے گالوں پر بہتے ہوئے آنسوؤں کو اپنے ہونٹوں سے خشک کر رہا تھا۔
فلیٹ کی ایک کھلی کھڑکی سے بہار کی خوشگوار شام کی مہکتی ٹھنڈی ہوا اندر آ رہی تھی اور اب وہ دونوں بیڈروم میں ایک ساتھ بستر پر لیٹے ہوئے تھا آسیہ کروٹیں بدل رہی تھی اور فریڈرک کو اُس کے بدن کا لمس اور بالوں کی مہک بہت بھلی لگ رہی تھی۔ اُس نے بڑی آہستگی سے اُس کے کولہوں پر اپنا ہاتھ پھیرتے ہوئے کمبل اوپر کھینچ لیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اپنی آزادی کی یہ پہلی رات کیا سو کر ہی گزار دو گی؟‘‘ فریڈرک نے آسیہ کے کان میں سرگوشی کی۔
٭٭٭

اعتراف!

’’اگر میرا مقدر یہی ہے تو یہی سہی!‘‘
اس نے اپنے کمرے کے در و دیوار پر نگاہ دوڑاتے ہوئے فیصلہ کن انداز میں سوچا۔ خدا، مذہب و مسلک، ایمان، جزا و سزا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ ان احساسات و خیالات سے جلد سے جلد دور ہو جانا چاہتا تھا جو اُسے اس بھیانک گھر میں جب وہ اکیلا ہوتا گھیر لیتے تھے۔ اس گھر کی دیواروں پر سجی پینٹنگز، الماریوں میں بھری کتابیں، ملکوں ملکوں سفر کے دوران اس کی جمع کی ہوئیں نادر اشیاء غرض سبھی کچھ، ایسی حالت میں اس میں تنفر اور غصہ پیدا کرتی تھیں اور وہ خود کو کسی بوجھ تلے دبا محسوس کرتا تھا۔
آج بھی وہ اسی صورتِ حال میں مبتلا تھا۔ وہ اپنے گھر کے اِس آسیب سے دُور، بہت دُور چلا جانا چاہتا تھا، لیکن کہاں؟ یہ اُسے خود بھی معلوم نہ تھا۔ ’’ہاں ! مجھے بڑے ریلوے اسٹیشن پر جانا چاہیے۔ ‘‘ اس نے سوچا۔ ’’ہو سکتا ہے وہ سبھی بھی وہاں ہوں۔ ‘‘ اُس کے ہونٹوں پر ایک خفیف سی مسکراہٹ آئی۔ ’’بیروزگاری الاؤنس یا پھر نقد سماجی امداد پر گزارہ کرنے والے دانشور، سیاستدان، دھرم پرچارک، سبھی وہیں تو ہوں گے!‘‘ اس کے یہ سبھی جاننے والے وقت گزاری کے لئے، دوپہر، شام ہر وقت وہاں ٹہلتے رہتے اور، سستے کیفے ٹیئریوں میں بیٹھے وقت گزاری کرتے رہتے تھے۔ ’’اگر وہ وہاں نہ ہوئے تو پھر؟‘‘ اسے خیال آیا۔ ‘‘ میں انہیں اُن کے دوسرے ٹھکانے پر جالوں گا، آخر وہ اور کہاں جائیں گے؟ اپنی
بقا کے لئے، محبت کے لبادوں میں بس ایک دوسرے سے نفرت کرنے والے!‘‘ اُس نے اپنی مٹھی بھینچتے ہوئے دل ہی دل میں اُن کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا اور اپنا بغچہ اُٹھا کر گھر سے باہر چل دیا۔
ریل گاڑی میں بیٹھتے ہی اُس نے اپنے اردگرد کے مسافروں پر نگاہ ڈالی اور بے خیالی میں اپنے سامنے بیٹھے ہوئے ایک بوڑھے ڈینش کو دیکھنے لگا۔ گاڑی نے ایک جھٹکا لیا، پہیوں سے آوازیں نکلیں، اس کے سامنے بیٹھے ہوئے ڈینش نے اپنے سینے پر صلیب کا نشان بنایا، گاڑی رواں ہو چکی تھی۔ ’’اس سے پوچھنا تو چاہیے کہ ایسا کرنے سے اس کی مراد کیا ہے؟‘‘ اس نے ایک لمحے کے لئے سوچا ضرور، لیکن ساتھ ہی اس کی نظروں کے سامنے پلیٹ فارم کا منظر آ گیا۔ پلیٹ فارم پر کھڑے لوگ ریل گاڑی میں بیٹھے اپنے عزیزوں کو ہاتھ ہلا کر رخصت کر رہے تھے اور ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ پیچھے بھاگے جا رہے ہوں۔ وہ ڈبے کے دوسرے مسافروں اور اپنے سامنے بیٹھے ہوئے بوڑھے سے بے خبر ہو چکا تھا اور اب کھڑکی سے باہر، جاتی گرمیوں کی ہلکی دھوپ سے روشن ماحول کو دیکھ رہا تھا۔ ریل گاڑی کے ڈبے پٹڑیوں کے جوڑوں پر ہمواری سے اچھلتے تو اسے یوں لگتا کہ باہر کا منظر بھی ہچکولے لے رہا ہے۔ ’’جد و جہد، یکجہتی اور فتح!‘‘ پتھر کی دیوار پر لکھا مزدور تنظیم کا نعرہ آناً فاناً اس کی نظروں کے سامنے سے گزر گیا تھا۔ ڈبے کے ہچکولوں کے ساتھ تازہ ہوا کے جھونکوں میں سانس لیتے ہوئے وہ پھر سوچنے لگا تھا۔
’’یہ تو ہے! کسی ایک کی زندگی بھی دکھ درد سے پاک نہیں۔ تھوڑا یا بہت۔ زندگی میں ہر ایک کو کبھی نہ کبھی، کچھ نہ کچھ تو دکھ، اذیت اُٹھانی ہی پڑتی ہے۔ ‘‘ اس نے اپنے سامنے بیٹھے ہوئے بوڑھے ڈینش کو دیکھا جو اب اُونگھتا ہوا ہچکولے کھا رہا تھا۔ ’’کیا ہم ایسی لئے تخلیق کئے جاتے ہیں کہ دکھ جھیلیں، کیا ہم نہیں جانتے کہ ہم سب ایسے ذرائع ڈھونڈتے ہیں جن سے دوسروں کو دکھایا جا سکے کہ ہم کتنے آسودہ ہیں، کیا یہ اپنے آپ کو دھوکہ دینے کے مترادف نہیں ؟‘‘ اس کے ذہن میں سوال اُبھرا۔ بوڑھا ڈینش اب سنبھل چکا تھا اور اپنی نیم وا آنکھوں سے اُسی کی جانب دیکھ رہا تھا۔ ’’جب سچائی سامنے آ جائے تو آدمی کیا کرے؟‘‘ اسے یوں لگا جیسے شاید بوڑھے ڈینش نے خود کلامی میں کچھ کہہ دیا تھا لیکن نہیں یہ تو وہ خود اپنے آپ سے مخاطب تھا۔ ’’ہاں، ہاں ! جب سچائی سامنے آ جائے تو پھر آدمی کیا کرے؟‘‘ وہ زیر لب بڑبڑایا۔
گاڑی آہستہ آہستہ چلتے ہوئے رک گئی تھی اور وہ بوڑھا ڈینش اپنا مختصر سا سامان لے کر ڈبّے سے باہر نکل گیا تھا۔ شاید اُس کا اسٹیشن آ گیا تھا۔ ڈبّے میں کچھ نئے مسافر سوار ہوئے اور ایک عورت اور مرد اُس کے سامنے والی سیٹوں پر آ کر بیٹھ گئے۔
’’انسان کو عقل اسی لئے بخشی گئی ہے کہ وہ اُن چیزوں سے احتراز کرے جو اُسے پریشان کرتی ہیں۔ ‘‘ عورت نے مرد سے کہا۔ صاف ظاہر تھا کہ وہ گاڑی میں سوار ہونے سے پہلے ہی کسی موضوع پر گفتگو کرتے آ رہے تھے۔ عورت اپنے کہے ہوئے فقرے سے مطمئن اور کافی خوش اور پر اعتماد دکھائی دے رہی تھی۔ جبکہ اس کا ساتھی مرد اپنے پائپ کو صاف کرتے ہوئے اپنی بڑی بڑی آنکھیں اُس کے چہرے پر جمائے ہوئے تھا۔
عورت کے کہے ہوئے جملے نے شاید اُس کے سوالات کا جواب دے دیا تھا۔ ’’انسان کو اُن چیزوں سے احتراز کرنا چاہیے جو اُسے پریشان کرتی ہوں۔ ‘‘ اس نے اپنے دل ہی دل میں عورت کے جملے کو دہرایا اور اسے دیکھنے لگا۔ وہ بڑے آرام سے بیٹھی کوئی پرانی کتاب پڑھ رہی تھی۔ اس کا مرد ساتھی اب پائپ میں تمباکو بھر رہا تھا۔ اُس کے خیالات کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا تھا۔ گاڑی اپنی رفتار سے آگے بڑھتی اور کھڑکی سے دکھائی دینے والے مناظر کو بڑی تیزی سے پیچھے چھوڑتی جا رہی تھی۔
’’لیکن جب عقل عطا کی گئی ہے تو مطلب یہ ہوا کہ پریشان کرنے والی چیزوں سے احتراز کیا جائے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ٹھیک! لیکن کیسے؟ کیا یہ سب کچھ جو ہے، یہ مذہب و مسلک، یہ ایمان، جزا و سزا اور خدا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خدا! کیا یہ سب کچھ غلط ہے؟ کیا یہ محض مفروضے ہیں ؟ کیا یہ سب کچھ اپنے آپ کو دھوکا دینے کے لئے ہیں ؟‘‘ اُس کی نگاہیں ابھی تک سامنے بیٹھی، کتاب پڑھتی ہوئی عورت اور مرد پر تھیں جو عورت کے کاندھے سے سر کی ٹیک لگائے نیم وا آنکھوں سے کھڑکی سے باہر دیکھ رہا تھا۔ اُس نے اپنا پائپ ہونٹوں میں دبا رکھا تھا۔
’’عام لوگوں میں اپنے مقدر کا علم و شعور ہوتا ہے۔ ‘‘ عورت اپنے کاندھے پر سے مرد کے سر کو ہٹاتے ہوئے بولی۔
’’ہاں، ہوتا ہو گا، لیکن اِس معاملے میں ذاتی رائے کی کوئی اہمیت نہیں ہو سکتی۔ ‘‘ مرد اپنا پائپ سنبھالتے ہوئے بولا۔
’’ذاتی رائے کی اہمیت کیوں نہیں ہو سکتی؟‘‘ عورت نے کتاب اپنے تھیلے میں رکھ دی تھی اور اس کے ہونٹوں پر ایک تسکین آمیز مسکراہٹ تھی۔
’’شاید تمھارے لئے ہو لیکن دوسروں کے لئے تو ایسا نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ علم و شعور، عام لوگوں کے مقدر میں ! واہ، کیسا خیال ہے تمھارا!‘‘ مرد اپنی گردن اونچی کرتے ہوئے بولا۔
’’کیوں نہیں !‘‘ عورت اب اس کے ساتھ شاید بحث کے موڈ میں تھی۔
’’مجھے نہیں معلوم کیوں، لیکن اپنے قد کی اونچائی کی وجہ سے کوئی کچھ دور تک دیکھ تو سکتا ہے لیکن ضروری نہیں کہ وہ اس دوری میں اُس قریبی کو بھی دیکھ سکے جو محض خاص خاص ہی پا سکتے ہیں۔ ‘‘ مرد اب اپنا پائپ سلگا رہا تھا۔ وہ اِن دونوں کی باتوں پر کان لگائے بظاہر یوں بیٹھا تھا کہ جیسے اُس کی بلا سے، کوئی کیا کہہ رہا ہے۔ اُس سے اس کا کوئی تعلق نہیں تھا۔
’’میرا اپنا نظریہ تو یہ ہے کہ کوئی بھی انسان اپنی برائیوں اور خرابیوں کی ذمہ داری اپنے اوپر نہیں لیتا بلکہ اُس کی کوشش ہوتی ہے کہ دوسروں کی اچھائیاں اپنے ہی پلڑے میں ڈالے۔ میں تو اپنے آپ کو عام لوگوں میں سے ایک سمجھتی ہوں اور میں نے دیکھا ہے، بلکہ میرا تجربہ ہے کہ عام لوگوں کی سوچ اُن کے افکار و مشاہدات ہی دراصل خاص لوگوں کا موضوع بنے رہتے ہیں۔ یہ خاص لوگ، سیاستدان ہوں، مذہبی منا دیا پھر کوئی اور،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ عورت بڑے تحمل اور اعتماد کے ساتھ بول رہی تھی۔ ’’تم نے کبھی اُن عام لوگوں کو وہ، جنہیں تم خاص لوگ، بے دین بھکاری کہہ کر پکارتے ہو، انہیں کبھی دیکھا ہے وہ ایک دوسرے کا دکھ درد سنتے اور دردمندی کے ساتھ آپس میں بانٹ لیتے ہیں۔ خاص لوگ راتوں کو ڈرائنگ رومز میں جب اپنے اپنے نظریات کی صداقت ثابت کرنے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لئے اپنے ہی اصولوں کی دھجیاں اُڑا رہے ہوتے ہیں تب یہ عام لوگ شہر کے گندے نالے کے کنارے، ہیجڑوں کے پارک اور بڑے ریلوے اسٹیشن کی بیرونی سیڑھیوں پر اپنی اپنی بیٹھک لگائے آپسی درد ہی تو بانٹتے، اپنے دکھوں کا اجتماعی حل ہی تو ڈھونڈتے ہیں۔ کیا تم نے کبھی خاص لوگوں میں ایسی اجتماعیت دیکھی ہے؟ میرے نزدیک خاص لوگوں میں بظاہر کتنی ہی اجتماعیت ہو وہ اپنی اپنی نام نہاد انفرادیت سے کبھی بھی دست بردار نہیں ہوتے کیونکہ اس سے اُن کے خاص ہونے کی خاصیت کے وجود کی نفی ہی نہیں بلکہ اُن کی اپنی شخصی سیاسی، دینی و سماجی موت بھی ہو جاتی ہے، کیوں ہے نا؟‘‘ عورت نے معنی خیز انداز میں مرد کی جانب یوں دیکھا جیسے سننا چاہتی ہو کہ وہ کیا سوچ رہا ہے۔ گاڑی کی رفتار سست ہو گئی تھی۔ شاید کوئی اسٹیشن آ رہا تھا تبھی تو وہ دونوں اُٹھنے کی تیاری کر رہے تھے۔
’’مات کھا گیا سالا، بولا نہیں !، ذاتی رائے کو تو سمجھتا ہی کچھ نہیں۔ ‘‘ اُس نے مرد کی جانب دیکھا جو اب کھڑا ہو چکا تھا۔ اُس کے خیال میں وہ یونیورسٹی کا کوئی پروفیسر یا کوئی محقق قسم کا اپنے آپ میں رہنے والا لگتا تھا۔ ابھی وہ آگے کچھ سوچنے ہی والا تھا کہ وہ عورت بھی اُٹھ کر کھڑی ہو چکی تھی۔ اس نے پہلی بار اُسے غور سے دیکھا۔ ‘‘ یقیناً یہ بھی کوئی ناقد یا محقق ہو گی۔ ‘‘ اُس کی سوچ کا دھارا پھر بہہ نکلا۔
گاڑی ایک جھٹکے کے ساتھ رک گئی تھی اور کچھ دوسرے مسافروں کے ساتھ وہ دونوں، عورت اور مرد بھی ڈبے سے باہر نکل گئے تھے۔ باہر پلیٹ فارم پر وہی روایتی ریل پیل تھی۔ مرد عورتیں، بچے بوڑھے، کوئی گاڑی میں سوار ہو رہا تھا تو کوئی اتر رہا تھا اور کچھ وہ بھی جو اپنے کسی عزیز کو لینے یا رخصت کرنے آئے ہوئے تھے۔ ابھی وہ اسی بھیڑ میں لوگوں کو ایک دوسرے سے ٹکراتے، سنبھلتے، آگے پیچھے بھاگتے دیکھ ہی رہا تھا کہ ایک ہلکے سے جھٹکے کے ساتھ گاڑی پھر چل پڑی۔ اس والے ڈبے میں بھی چار پانچ مسافر سوار ہوئے تھے اور وہ ادھر اُدھر کی نشستوں پر بیٹھ چکے تھے۔
اب اُس کے سامنے والی دونوں نشستیں خالی پڑی تھیں۔ ’’میں بھی تو ایک آدمی ہی ہوں، علم و شعور مجھے بھی تو حاصل ہے، کیا اس کے لئے مجھے کسی ’’خاص‘‘ سے تصدیق کی ضرورت ہے!‘‘ اس نے لمحہ بھر کے لئے آنکھیں کیا بند کیں وہ پھر سوچوں کے گرداب میں پھنس گیا۔ ’’لیکن وہ جو بڑے ریلوے اسٹیشن پر منڈلی جمائے بیٹھے رہتے ہیں وہ سالے بھی تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔، ، ابھی وہ یہیں تک سوچ پایا تھا کہ اُسے کسی کے قہقہے لگانے کی آواز سنائی دی۔ اُس نے نیم وا آنکھوں سے دیکھا کہ ایک نوجوان لڑکی اور اُسی کی عمر کا ایک لڑکا اس کے سامنے والی نشستوں پر بیٹھے ایک دوسرے سے بغل گیر ہو رہے تھے۔ انہوں نے کالج امتحان پاس کرنے پر ملنے والی خصوصی امتیازی ٹوپیاں پہن رکھی تھیں۔ معلوم ہوتا تھا جیسے وہ امتحان پاس کر لینے والے طلباء کی کسی تقریب میں شمولیت کے لئے جا رہے ہوں یا شمولیت کرنے کے بعد واپس آ رہے ہوں۔ ’’محبت سب کے لئے، عداوت کسی ایک سے بھی نہیں۔ ‘‘ اُس کی نگاہ لڑکی کے بلاؤز کے کالر پر لگے ہوئے ایک بیج پر پڑی۔ لڑکی نے بھی شاید محسوس کر لیا تھا کہ وہ اس کے بیج کو دیکھ رہا ہے ’’محبت سب کیلئے، عداوت کسی ایک سے بھی نہیں۔ ‘‘ لڑکی نے اُس کی طرف دیکھ کر مسکراتے ہوئے کہا۔ اس کا سرخ گلابی چہرہ اسکی مے نوشی کی غمازی کر رہا تھا۔ ’’کیا تم اس سے متفق ہو؟‘‘ لڑکی نے بیج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ہوا میں سوال چھوڑا۔ گاڑی اپنی رفتار پکڑ چکی تھی۔
’’کیا آپ مجھ سے پوچھ رہی ہیں ؟‘‘ وہ اس کے سوال کے لئے تیار تو نہ تھا لیکن اب سنبھل چکا تھا۔
’’تو اور کیا!‘‘ لڑکی قدرے بلند آواز میں یوں بولی گویا اُسے جانتی ہو۔
’’میں کسی سے بھی عداوت نہیں رکھتا۔ ‘‘ اُس نے خفیف سی مسکراہٹ سے جواب دیا۔
’’لیکن اپنی محبت کے بارے میں تو تم نے کچھ کہا نہیں۔ ‘‘ لڑکی شائد بے تکلفی پر اتر آئی تھی۔
’’محبت! محبت، میں اپنی طرف سے تو ہر ایک کے لئے محبت ہی رکھتا ہوں۔ ‘‘ وہ بولا۔
’’کسی سے عداوت نہ رکھنے بارے میں تو تمہیں اپنے آپ پر پورا اعتماد و یقین ہے لیکن تمھاری محبت سب کے لئے ہو، اس بارے میں یقیناً تم غیر یقینی میں مبتلا ہو!، ہے نا ایسا ہی؟‘‘
’’نہیں، غیر یقینی میں تو مبتلا نہیں ہوں لیکن،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ آگے ابھی کچھ کہنا ہی چاہتا تھا کہ لڑکی نے اس کی بات کاٹ دی۔ ’’لیکن کیا؟اگر تم کسی سے نفرت و عناد نہیں رکھتے ہو تو پھر تمہیں ہر کسی سے پیار و الفت، محبت میں کیا عار یا مشکل ہو سکتی ہے؟‘‘ وہ بولتی جا رہی تھی۔
’’میرے خیال میں تو تمھارا کوئی، معاف کرنا، پیچ ڈھیلا لگتا ہے، تم دو قابل قبول اور قابل عمل ’’عملیات‘‘ میں یقین تو رکھتے ہو لیکن عمل اِن میں سے صرف ایک پر کرتے ہو اور دوسرے کو مسترد بھی نہیں کرتے۔ جب تمہیں اپنے آپ پر یقین ہے کہ تم کسی ایک سے بھی نفرت نہیں کرتے تو تمہیں اس بارے میں غیر یقینی کیوں کہ تم اِن دونوں عملیات میں سے ایک پر عمل کر کے، دوسرے کو پورا کرنے سے بچ سکتے ہو اور اگر تم ان میں سے ایک کے بارے میں شک رکھتے ہو تو دوسرے پر کیسے یقین رکھ سکتے ہو؟ سوچو تو!‘‘
وہ شاید آگے بھی کچھ کہنا چاہتی تھی کی اس کا ساتھ نوجوان جھولتا ہوا اُٹھ کھڑا ہوا تھا اور اسے بھی اُٹھنے کو کہہ رہا تھا۔ شاید اُن کا اسٹیشن آنے والا تھا۔ وہ اب گومگو کی صورتِ حال میں، آنکھیں اُٹھائے اسے دیکھ رہا تھا۔ لڑکی اُٹھی۔ اُس نے اپنے سر پر ٹوپی کو ٹھیک طرح سے رکھا اور اچانک جھک کر اس کے گالوں کو تھپتھپایا اور ڈبے سے باہر نکلنے کے لئے آگے بڑھ گئی۔
یہ سب کچھ اتنی جلدی، اچانک اور غیر متوقع طور پر ہوا کہ وہ کچھ سوچ بھی نہیں پایا تھا۔ لڑکی کا ساتھی اُس کا شانہ تھپتھپا رہا تھا ’’سنو! محبت کرنا سیکھو نفرت سے تم دور رہو گے!‘‘ گاڑی کے پہیوں نے بڑے زور سے پٹری سے رگڑ کھائی اور گاڑی ایک جھٹکے سے رک گئی۔ اس کی نظریں اُن دونوں کو ایک دوسرے کی کمر میں بانہیں ڈالے ڈبے سے باہر نکلتے، بھیڑ میں دور تک اس وقت تک اُن کا تعاقب کرتی رہیں جب تک وہ غائب نہیں ہو گئے تھے۔ ’’
عجیب بات کر گئے ہیں دونوں۔ ‘‘ اس نے پہلو بدلتے ہوئے سوچا۔ ڈبے میں نئے مسافر سوار ہو چکے تھے اور خالی نشستوں کے لئے اِدھر اُدھر دیکھ رہے تھے۔ اس کے سامنے والی دونوں نشستوں پر دو معصوم سے بچے کود کر اچھلنے لگے تھے۔ ایک بڑھیا ہاتھوں میں پھولوں سے بھری ایک ٹوکری لئے کھڑی ان بچوں کو نرمی سے ڈانٹ رہی تھی۔ ‘‘بندر مت بنو، دوسروں کے آرام کا خیال کرو، ٹھیک سے اپنی اپنی جگہ پر بیٹھو!‘‘ وہ ان بچوں کی نانی یا دادی ماں لگتی تھی۔
’’آیئے آپ یہاں بیٹھ جائیں۔ ‘‘ بڑھیا کو مخاطب کرتے ہوئے اس نے اپنا بغچہ سنبھالا اور اپنی نشست سے اُٹھ کھڑا ہوا۔ ’’آپ کا بہت بہت شکریہ، ہمیں اگلے اسٹیشن پر اترنا ہے، وہ بڑے اسٹیشن پر۔ ‘‘ بڑھیا بولی۔ ’’معاف کرنا، اگر بچوں کے غل مچانے سے آپ کو کوفت ہوئی ہو۔ ‘‘ بڑھیا سیٹ پر بیٹھ چکی تھی۔ ‘‘ یہ لو میری طرف سے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایک پھول، تمھارے لئے۔ ‘‘ بڑھیا نے اپنی ٹوکری سے ایک پھول اُٹھا کر اُس کی جانب بڑھاتے ہوئے کہا۔ اس نے ایک ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ پھول کو پکڑا ہی تھا کہ بڑھیا پھر بولی ’’جانتے ہو ان پھولوں کا نام کیا ہے؟‘‘ ابھی وہ کچھ سوچ ہی رہا تھا کہ بڑھیا نے اپنے سوال کا خود ہی جواب بھی دے دیا۔ ’’انہیں ’’بَرانے کِیالیہِدز بَلامسٹہ ‘‘ کہتے ہیں یعنی وہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ، محبت کی آگ کے پھول کہتے ہیں۔ ‘‘ وہ ہاتھ میں پھول پکڑے، کھڑا دائیں سے بائیں اور بائیں سے دائیں ہچکولے کھا رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’یعنی گلِ آتشیں محبت‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس نے اپنی یادداشت کی اردو لغت میں اس ڈینش پھول کا نام تلاش کرنے کی کوشش کی۔ گاڑی چل پڑی تھی۔
’’آپ کو جانا کہاں ہے؟‘‘ بڑھیا نے ایک اور پھول اُسے تھما دیا تھا۔ ’’یہی بڑے ریلوے اسٹیشن تک۔ وہ قدرے جھکتے ہوئے بولا۔ ایک پھول اس کے ہاتھ سے پھسل کر نیچے گر گیا تھا۔ بڑھیا نے بڑی پھرتی سے اُسے اٹھایا اور اس کی جانب بڑھا دیا۔ ’’محبت کے پھولوں کو گرایا نہیں کرتے۔ ‘‘ وہ بولی۔ اسے اس کے لہجے میں ایک عجیب سی مٹھاس اور آنکھوں میں چمک سی دکھائی دی۔ ’’نہیں، بالکل نہیں ! معاف کرنا وہ میں ذرا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ابھی وہ اتنا ہی کہہ پایا تھا کہ ایک بچے نے اپنی سیٹ پر پھر سے اچھلنا شروع کر دیا تھا۔ ’’میں ڈبے کی چھت کو چھوؤں گا، میں چھت کو چھوؤں گا۔ ‘‘ وہ شور مچا رہا تھا۔ دوسرا بچہ اس کی پتلون کھینچتے ہوئے اُسے نیچے بٹھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ وہ ان دونوں کو یوں الجھتے دیکھ کر محظوظ ہو رہا تھا۔ بڑھیا نے اِن دونوں بچوں کو بڑی شفقت سے سمجھاتے ہوئے ایک ایک چاکلیٹ تھما دیا تھا اور وہ دونوں اپنی اپنی جگہ پر بیٹھ کر اپنا اپنا چاکلیٹ کھانے لگے تھے۔
وہ کچھ کہے بغیر ڈبے کے ہچکولے کھاتا ہوا وہاں سے ہٹ کر دروازے کے قریب آن کھڑا ہوا تھا۔ گاڑی فراٹے بھرتی جا رہی تھی۔ اُس نے غیر ارادی طور پر ڈبے کے مسافروں پر نگاہ ڈالی۔ ایک دو بڈھے پنشنرز، بیئر پی رہے تھے۔ اُدھر ایک کونے میں بیٹھی شوخ مزاج سی ایک نوجوان عورت اپنے ہونٹوں پر سرخی لگانے میں مصروف تھی۔ ’’کوئی سیکریٹری ہو گی، کتنی بن سنور رہی ہے۔ ‘‘ اُس نے سوچا اور پھر ساتھ ہی اُس کو پچھلے اسٹیشن پر اتر جانے والی لڑکی لڑکے کی بات یاد آ گئی۔ ’’محبت سب کے لئے، عداوت کسی ایک سے بھی نہیں، ہاں، اُس لڑکی نے یہی کہا تھا اور اُس کے بیج پر بھی تو یہی لکھا ہوا تھا، لیکن اس کا ساتھی لڑکا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ تو کہہ رہا تھا ’’محبت کرنا سیکھو نفرت سے تم دور رہو گے۔ ‘‘ تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ نوجوان دو یقینی عملیات میں سے صرف ایک کو پورا کر رہا تھا۔ یعنی محبت تو وہ ہر کسی سے کرتا تھا اور امیدوار تھا کہ نفرت اُس سے دور رہے گی، واہ واہ، فرار کی کیا راہ اختیار کر رکھی ہے اُس نے!، اور وہ لڑکی، عجیب شے تھی وہ بھی!‘‘ محبت ہر کسی سے اور نفرت کسی ایک سے بھی نہیں، واہ رے واہ! دونوں ’’عملیات‘‘ پر یکساں عمل!! کمال ہے بھئی۔ ‘‘ بے اختیارانہ طور پر اس کا ایک ہاتھ اُس کے اپنے ہی گالوں کو چھو رہا تھا۔ اسے ایک عجیب قسم کی بہت ہلکی سی خوشبو آ رہی تھی۔ ‘‘دھت سالی کی!‘‘ ہر ایک کے لئے محبت اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ استعمال کرے ہے ‘‘پوآیزن‘‘ جیسی خوشبو!‘‘ یہ خوشبو اُسے اپنے ہی تو گالوں سے آ رہی تھی اور یقیناً یہ اُس لڑکی کے ہاتھوں سے ہی اُس کے گالوں پر لگ گئی تھی۔ ’’کتنے عام لوگ بھی کتنی اہم بات کر جاتے ہیں اور کیا لطیف ذوق رکھتے ہیں ’’عام لوگ!‘‘ وہ چونکا، اسے عورت کی کہی ہوئی بات یاد آ گئی تھی۔ ’’عام لوگوں میں بھی علم و شعور ہوتا ہے، خاص لوگ، عام لوگوں کی سوچ و افکار پر ہی تو اپنی دانشمندی، اپنی سیاست استوار کرتے ہیں۔ یہ سیاستدان، یہ دینی مناد، عام لوگوں کے بغیر ہیں کیا؟ کچھ بھی تو نہیں ! اگر ہم عام لوگ ہی ان کی پیروی نہ کریں اور اپنی رائے اپنی سوچ و فکر کو اپنا لیں تو ہم خاص لوگ ہی گنے جائیں گے۔ گنے کیا جائیں گے، ہم عام لوگ ہی تو حقیقتاً وہ خاص ہوتے ہیں جو خاص الخاص ہیں۔ بڑھیا کے دیئے ہوئے دو پھولوں میں سے ایک اُس نے اپنے کوٹ کے کالر پر اٹکا لیا تھا۔ اُس کی نگاہیں ابھی تک اس سیکریٹری نما نوجوان عورت پر تھیں جو ایک چھوٹا سا آئینہ ہاتھ میں لئے اپنا میک اپ ٹھیک کرنے میں محو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تھی ’’پسِ آئینہ کوئی اور ہے‘‘ اسے کسی اردو غزل کا مصرعہ یاد آ رہا تھا۔ ’’اپنے آپ کو کسی کے لئے سنوارنا، تیار کرنا!‘‘ اس نے سوچا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ہمارا اپنا آپ ہی تو ہمارا نہیں، ہم ہر وقت جو بھی کچھ کرتے ہیں کسی اور ہی کے لئے کرتے ہیں۔ ‘‘ اس کی سوچوں میں تیزی آ گئی تھی۔ ’’ہم تو خدا کو بھی محض دوسروں کی خوشنودی کے لئے مانتے اور مسجدوں میں ٹکریں مارتے ہیں، ایسا نہ کریں تو بے دین و منکر کہلوائیں، سزا سے بچنے اور جزا کے حصول کے لئے مفروضوں پر ایمان۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور اپنے دل ہی دل سے اُٹھتی ہوئی اپنی عقلی تحریک کو خود ہی کچل دینا، اپنے عقل و شعور کی رائے کو پہلے دوسروں کے سامنے منظوری کے لئے پیش کرنا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہمارا خود اپنے آپ سے کوئی تعلق نہ ہونے کی دلیلیں ہی تو ہیں !۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یوں نہ کرنا اس لئے کہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور یوں دل و دماغ اور عقل و شعور سے اُٹھی ہوئی کسی تحریک کو خود ہی دبا دینا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہمارے اپنے وجود کی نفی ہی تو ہے!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہم کیا ہیں ؟، میں خود بھی تو ایسا ہی ہوں، اپنی ہی سوچ پر عمل کر سکنے یا نہ کر سکنے بارے فیصلہ نہ کر پانے والا!‘‘ وہ قدرے اداس سا ہو گیا تھا۔ گاڑی کی رفتار اب آہستہ ہونے لگی تھی۔ بڑا اسٹیشن قریب آ رہا تھا۔
وہ بڑھیا اور دونوں بچے بھی اپنی اپنی جگہ سے اُٹھ چکے تھے۔ وہ نوجوان عورت بھی اب اپنا ہینڈ بیگ بند کر رہی تھی۔ بڈھے پنشنرز اپنی بیئر کی خالی بوتلوں کو ڈسٹبن میں ڈال رہے تھے۔ پٹریوں پر ریل کے پہیوں کے زور سے گھسنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔ بڑھیا دونوں بچوں کو سنبھالتی ہوئی بالکل اُس کے قریب آ چکی تھی۔ ’’تمھارے کالر پر یہ سرخ پھول خوب سجا ہے۔ ‘‘ وہ بولی۔ ’’آج موسم بھی کتنا اچھا اور خوشگوار ہے!‘‘
اس کے ہونٹوں پر ایک ہلکی سی مسکراہٹ نمودار ہوئی اور اس نے ہاتھ میں تھاما ہوا دوسرا پھول بڑھیا کی ٹوکری میں رکھ دیا تھا۔ ’’اب یہ میری طرف سے آپ تینوں کے لئے، محبت کا ایک پھول۔ ‘‘ وہ بولا اور بچوں کے گالوں کو تھپتھپانے لگا۔ گاڑی ایک معمولی سے جھٹکے کے ساتھ رک گئی تھی۔ بڑا اسٹیشن آ گیا تھا۔ گاڑی کے آٹو میٹک دروازے خودبخود کھل گئے تھے۔
ڈبے سے باہر نکل کر، پلیٹ فارم پر دوسرے مسافروں کی بھیڑ میں وہ قہوہ خانوں، چھوٹی چھوٹی دکانوں اور ریسٹورانوں والے حصے کی جانب بڑھ رہا تھا، لیکن کہاں ؟ وہ شاید بھول گیا تھا کہ وہ گھر سے بڑے اسٹیشن تک کیوں آیا تھا۔ منہ اُٹھائے ابھی وہ اِدھر اُدھر گھوم ہی رہا تھا کہ اُدھر تھوڑی دور کونے میں اس کی نظر ڈی ایس بی کیفے کے باہر کرسیوں پر پڑی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آہا، وہ اچھل سا پڑا، جیسے یکدم اُسے کچھ یاد آ گیا ہو۔ ’’سالے کیسے نشست جمائے بیٹھے ہیں۔ ‘‘ اس کی ہنسی چھوٹ گئی۔ وہ جن سے ملنے کا سوچ کر گھر سے نکلا تھا وہ اُدھر کرسیوں پر بیٹھے آتے جاتے مسافروں کو دیکھ رہے تھے۔
’’او یار، تم زندہ ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ صحیح سلامت!، شکر ہے خدا کا تم آج اِدھر تو آئے ہو۔ ‘‘ اسے اپنے پیچھے سے ایک آواز سنائی دینے کے ساتھ ہی اپنے کاندھے پر کسی کا ہاتھ محسوس ہوا۔ اُس نے پلٹ کر دیکھا۔
’’ملّا کھرپی! ارے تم!!‘‘ بے اختیار اُس کے منہ سے نکلا۔
’’او منکر! تم اِدھر کہاں ؟‘‘ وہ دونوں ایک دوسرے کو تب سے جانتے تھے جب کوئی بیس پچیس سال پہلے ڈنمارک اکٹھے آئے تھے۔ یہ القابات بھی انہوں نے خود ہی ایک دوسرے کو دے رکھے تھے۔
وہ کوئی جواب دیئے بغیر ابھی تک ملّا کھرپی کے چہرے کو دیکھ رہا تھا۔ اس کی گھنی سیاہ داڑھی جس میں اب یہاں وہاں سفیدی آنے لگی تھی۔ سر پر وہی سبز رنگی بے ڈھنگی سی پگڑی، سفید شلوار کے پائنچے، ٹخنوں سے پنڈلیوں تک اوپر اُٹھے ہوئے، نسواری رنگ کا لمبا کرتا اور گلے میں کلمہ طیبّہ والا سبز رنگ کا پٹکا، چہرے پر وہی مسکراہٹ، آنکھوں میں سرمے کی چمک، وہ ملّا کا جائزہ لے رہا تھا۔
’’ربّا خیر! آج تو بڑے چمکے ہوئے ہو، یہ کالر میں پھول، ------- کسی کے شکار کا ارادہ ہے یاکسی نے یہاں وقت دے رکھا ہے۔ ‘‘ ملّا ایک ہی سانس میں سوال کئے جا رہا تھا۔
’’نہیں یار میں تم لوگوں سے ہی ملنے آیا ہوں۔ ‘‘ وہ کھسیانی سی ہنسی کے ساتھ بولا۔ وہ ابھی تک ملّا کے سراپے پر نظریں جمائے ہوئے تھا۔ سینکڑوں کی بھیڑ میں وہ کتنا منفرد نظر آ رہا تھا۔ ’’مسخرہ!‘‘ اُس کے منہ سے نکلا۔
’’تم نے مجھے کچھ کہا؟‘‘ ملّا اپنا دایاں کان کھجاتے ہوئے بولا۔ ’’آؤ یار تمہیں اُن سے ملواؤں، کتنے ہی دنوں سے وہ تمہیں یاد کرتے ہیں۔ ‘‘ ملّا اُس کا ہاتھ کھینچتے ہوئے بولا۔
’’ملّا یار تم ابھی تک وہی کے وہی ہو، بدلے بالکل نہیں ہو۔ ‘‘ وہ اس کے ساتھ ساتھ چلتا ہوا بولا۔
’’چھوڑ یار!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ سب تو ایک ڈھونگ ہے۔ بدلنا کیا اور نہ بدلنا کیا، اندر کی بات تو تم بھی جانتے ہو، اب دیکھو نا، مجھے اس طرح رنگ رنگیلا دیکھ کر ہر کوئی میری جانب متوجہ ہوتا ہے، مجھ سے بات کرنے کی کوشش کرتا ہے، تجسس میں رہتا ہے کہ میں کون ہوں، کہاں سے آیا ہوں، میری نسل میرا دین کیا ہے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یار یہ ان مقامی لوگوں کا میرے متعلق یہ تجسس، مجھے اپنا آپ یاد دلاتا رہتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں اپنے آپ کو اپنے اندر موجود پاتا ہوں، باہر دیکھتا ہوں، خوش ہوتا ہوں، اپنے آپ سے، دوسروں سے، رب کی مخلوق سے۔ ‘‘ ملّا بولے جا رہا تھا۔ ’’یار خالق کے ہمشکلوں سے، وہ تم نے سنا نہیں ہے خالق نے ہم سب کو اپنی صورت پر پیدا کیا ہے، او منکر! رب رسول تو اپنے دل میں ہے۔ دل نے مان لیا، مان لیا، نہ مانا چھوڑ دیا۔ عقل بڑی کہ بھینس! فیصلہ اپنے ہاتھ میں ہے،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہے کہ نہیں ؟ سوچوں میں نہ پڑا کر!‘‘ ملّا بولے ہی جا رہا تھا۔
’’یار ہر ایک کو اپنے ہی ناپ کا جوتا آرام دیتا ہے۔ مختلف ناپ کے جوتے پہننے والوں کے پاؤں تو ایک ہی طرح کے ہوتے ہیں نا!، انگلیاں، تلوے اور ایڑھیاں یہ سب کچھ ایک ہی طرح کے ’’ماس‘‘ کے ہوتے ہیں نا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یار تو موٹی بات سمجھتا کیوں نہیں !! اپنے دل سے پوچھا کر، منکر یار !یہ سرکس میں تنے ہوئے رسے پر چلنے کی بازی گری چھوڑ، اپنا ہو جا، اپنا! سیدھی سڑک پر آ جا تجھے اپنا توازن برقرار رکھنے کے لئے بانسوں کے سہاروں کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔ منکر یار! رب کے بندوں سے پیار رب ہی سے تو محبت ہے۔ یار تو ان مولویوں کی نہ سنا کر، یہ تو اللہ رسول کے ساتھ اپنے تعلق کو ایسی بے شرمی سے بیان کرتے ہیں جیسے نعوذ باللہ، وہ ہر ویک اینڈ کو اُن کے ہاں کھانا کھاتے ہوں۔ ‘‘ ملّا کی اس بات پر وہ اپنی ہنسی ضبط نہ کر سکا۔
’’یار کھرپی! تُو تو آج کل بہت بدل گیا ہے!‘‘ وہ بولا۔
’’او گرو! تم آج اِدھر کدھر!‘‘ ان میں سے ایک نے شاید ملّا اور اسے اپنی جانب آتے دیکھ لیا تھا اور اب ان کو آواز دے رہا تھا۔ جونہی وہ اُن کے قریب پہنچے اُن سب نے کھڑے ہو کر اُس سے مصافحہ کیا۔ حال احوال پوچھا۔ اب وہ سبھی پھر سے کرسیوں پر براجمان ہو گئے تھے۔ ملّا اور وہ بھی ایک ایک کرسی گھسیٹ کر اپنی اپنی جگہ بنا چکے تھے۔
’’سناؤ یار کسی راہ پر آئے کہ ابھی تک بغچے میں فلسفہ دبائے، دوائے دل ہی ڈھونڈتے پھرتے ہو؟‘‘ اس کے پاس بیٹھے ہوئے رشید نے امجد کو کہنی ماری۔
’’دیکھتے نہیں ہو جناب! بابو آج بھی کالر میں پھول ٹکائے ہوئے ہے۔ ‘‘ امجد بولا۔
’’نہیں یار یہ پھول تو گاڑی میں ایک بڑھیا نے یوں ہی دے دیا تھا۔ میں نے لگا لیا۔ ‘‘ وہ بولا۔ ’’تم لوگ کلب وغیرہ نہیں جاتے کیا۔ ہفتے کی رات کیا کرتے ہو؟‘‘
’’چھوڑ باؤ! نعیم جو اب تک خاموش بیٹھا، اسے دیکھ رہا تھا، بولا۔ ’’باؤ ہماری ہفتے کی رات چھوڑو تم بتاؤ تمھارا اتوار کی صبح کا کیا پروگرام ہوتا ہے۔ کیا اب بھی چرچ جاتے ہو تم، انسانیت ملی کہ نہیں ؟ تم بہت تلاش کیا کرتے تھے اسے!‘‘
‘‘ میں کہاں آ گیا ہوں !‘‘ اس نے لحظہ بھر کے لئے سوچا۔ ’’یہ سب مجھے اس طرح اجنبی سی آنکھوں سے کیوں دیکھ رہے ہیں، وہ اِن کی بیئر کی بوتلیں، وہسکی کے گلاس اور ایک دوسرے کو دکھاتے رہنے والی لڑکیوں کی تصویریں سب کچھ کدھر گئیں ؟‘‘ اُس نے تھوڑا غور سے دیکھا تو اُن میں سے کوئی چائے پی رہا تھا تو کوئی کافی اور ایک دو کولڈ ڈرنک۔
‘‘کھرپی یار! یہ معاملہ کیا ہے؟ ان سب کو بھی صوفی بنا لیا تم نے!‘‘ وہ بولا۔
’’یہ داتا کا کرم ہے باؤجی! یہ سب من موجی ہیں، اپنا اپنا کام کرتے ہیں، جی میں آتی ہے تو جمعہ کے روز مسجد چلے جاتے ہیں۔ کلب ولب بھی ہو آتے ہیں۔ باؤ! بات وہی ہے، جو میں تم سے کہہ چکا ہوں، کیوں یار جی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ملّا نے امجد کی جانب دیکھا۔ ’’بات ہوتی ہے من کے اندر کی، من مان گیا تو مسجد کیا مندر کیا اور یہ چرچ، وہاں تو خدا اور حوروں کا جلوہ ایک ساتھ دکھائی دیتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نہ مکے نہ مدینے، نہ متھرا نہ کاشی کی یاترا، وہیں پادری کو سو کرونر دیئے اور پچھلے گناہوں کی بخشش موقعہ پر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیوں امجد؟’’ملّا نے جیب سے تسبیح نکال لی تھی۔ اور اب اپنی ہی ترنگ میں تھا۔
’’او منکر!تم آج یہ تو بتاؤ کہ ہم لوگوں کو چھوڑ کر تم کو ملا کیا ہے، دیکھ یار ہم آج بھی ویسے ہی ہیں جیسے شروع میں تھے اور تم، منکر! تم نہ اپنے نہ کسی اور کے، چھوڑ یار میرے منہ سے بھی آج سچ سن ہی لیا ہے تم نے، یار سچ بتا، تیرے من کو سکون ہے! مسجد، گرجے، ہیپیوں اور ہیجڑوں کے ڈیرے، ہم جنس پرستوں کی محفلیں، یار تم کو کیا ملا ہے؟‘‘ ملّا سانس لئے بغیر جتنی تیزی سے بول رہا تھا اتنی ہی تیزی سے اس کے ہاتھوں میں تسبیح چل رہی تھی۔
وہ اپنا بغچہ گود میں دبائے، کچھ کہے بغیر یوں بیٹھا تھا جیسے کوئی مجرم کسی عدالت میں عینی گواہوں کا سامنا کر رہا ہو۔ ’’ملّا اب چھوڑ بھی دے اسے، تُو تو اس کے پیچھے ہی پڑ گیا ہے، دیکھتا نہیں، ریوڑ سے بچھڑی بھیڑ اپنے قبیلے میں واپس آ گئی ہے۔ ‘‘ کالو دور کی لاتے ہوئے بولا۔ گورا رنگ، گھنے گھنگریالے بال، بھوری آنکھیں، ہر وقت مسکراتے رہنے والا، کلیم! جانے اُس کا نام ’’کالو‘‘ کیسے پڑ گیا تھا، اسے بڑی گہری نگاہ سے دیکھ رہا تھا۔
’’بھئی بیئر پینی ہے تو ملّا سے کہو میں تو یہی پیش کر سکتا ہوں۔ ‘‘ رشید اس کے لئے بن پوچھے ہی کافی لے آیا تھا۔ ’’سناؤ بھئی کہاں ہوتے ہو؟ مدت ہی ہو گئی ہے محفل جمائے، تم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ابھی وہ رشید کی بات کا کوئی جواب دینے ہی والا تھا کہ نہ جانے کہاں سے کالج کے لڑکے لڑکیوں کی ایک ٹولی ابابیلوں کے ایک جھنڈ کی طرح نمودار ہوئی۔ وہ سب بانہوں میں بانہیں ڈالے دیوانہ وار رقص کرتے، گیت گاتے اب عین اُن کے سا منے آ گئے تھے۔
ملّا کھرپی کو نجانے کیا سوجھی کہ اس نے اچانک خرگوش کی طرح ایک جست لگائی اور رقص کرتے ہوئے ٹولی میں جا ملا۔ وہ سب کھڑے ہوکر تماشا دیکھ رہے تھے۔ آنے جانے والے مسافر بھی کچھ دیر کے لئے رک گئے تھے۔ ملّا اپنا پٹکا ہوا میں لہراتا ہوا، بھنگ کے بھر پور نشے میں دھت کسی درگاہ کے مجاور کی طرح رقص کر رہا تھا۔ ’’دم مست مست، دم مست مست‘‘ ملّا اپنے گردو پیش سے بے خبر اب دو لڑکیوں کو دائیں بائیں بازوؤں میں لئے دائرے کی صورت میں چکر لے رہا تھا۔ ’’ڈم مسٹ، ڈم مسٹ، مسٹ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ڈم، ڈم مست، ڈم، ڈم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سب نوجوان ملّا کی تان میں تان ملا رہے تھے۔ ریلوے اسٹیشن کا یہ کونہ ایک عجیب تماشا گاہ بنا ہوا تھا۔ ہوٹلوں اور ریستورانوں میں بیٹھے لوگ بھی باہر آ گئے تھے۔ اور اب نوجوان لڑکے لڑکیاں سبھی مّلا کے گرد ہالہ بنائے، تالیاں بجاتے، رقص کر رہے تھے۔ ایک راہگیر نے اپنی گٹار سنبھال لی تھی اور مّلا کی آواز سے ساز ملا رہا تھا۔
وہ اس ’’ھیپننگ‘‘ سے ابھی دل ہی دل میں لطف اندوز ہو رہا تھا اور اس کی نظریں ملّا پر جمی ہوئی تھیں کہ امجد اور کلیم اچانک اُسے دائیں اور بائیں بازو سے کھینچتے ہوئے ناچنے والوں کی ٹولی کے عین درمیان میں لے آئے۔ ’’آج ہو جائے! رشید بھی آوازہ لگاتے ہوئے اُن میں شامل ہو گیا تھا۔ اور اب وہ سب ملّا کی لے پر مست مست، دم مست گا تے، رقص کر رہے تھے۔ ایک آدھ لمحہ کے لئے وہ جھجکا لیکن پھر یکدم اچھل کر رقص میں شامل ہو گیا۔ ’’ملّا تو برحق ہے!‘‘ اس کی نظر ملّا سے ٹکرائی جو ایک ہاتھ میں تسبیح اور دوسرے میں پٹکا، ہوا میں لہراتا، دنیا و مافیہا سے بے خبر ’’نچ کے منا لَے یار نوں ‘‘ کے آوازے لگا رہا تھا۔ ’’مست مست، دم مست۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نچ کے منا لَے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یار نُوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مسٹ مسٹ، ڈم ڈم، نچ نچ، نچ مست نچ، نچ نچ-- اب تو حد ہو گئی تھی، لڑکے لڑکیاں، ایک دوسرے کی کمر میں بانہیں ڈالے، ہالہ بنائے، ایک دوسرے کے اوپر نیچے گرتے، اٹھتے سنبھلتے، ناچ رہے تھے۔ اب وہ بھی بازو ہوا میں بلند کئے اپنے ایک پاؤں کی ایڑی پر لٹو کی طرح گھوم رہا تھا۔ آج پہلی بار اُسے یوں لگ رہا تھا کہ جیسے کسی نے اُس کے پاؤں کی ساری بیڑیاں توڑ دی ہوں اور ہتھکڑیاں کھول دی ہوں۔ اُس کے دل پر دھرا رہنے والا ’’میں یوں کروں گا تو،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ کا بھاری پتھر سرک چکا تھا اور وہ دم مست مست کی لے پر رقص میں محو یہ بھی محسوس نہ کر سکا کہ ملّا سمیت، لڑکے لڑکیاں سب ناچنا بند کر کے، اب اُس کے گرد دائرہ بنائے کھڑے ردھم سے تالیاں بجا رہے تھے اور وہ اکیلا ہی رقص کر رہا تھا۔ ہجوم میں راہ بناتی، آگے بڑھتی ہوئی ایک بڑھیا، بازو میں لٹکتی ہوئی پھولوں کی ٹوکری سے اُس پر پھول نچھاور کر رہی تھی۔ اس کے دائیں بائیں شریر سے دو بچے مسکرا رہے تھے۔ اب ملّا نے آگے بڑھ کر اُسے اپنے بازوؤں میں لے لیا تھا۔ ہجوم آہستہ آہستہ کم ہونے لگا تھا اور کالجی لڑکے لڑکیوں کی ٹولی جیسے نمودار ہوئی تھی ویسے ہی اب غائب بھی ہو چکی تھی۔
’’بادشاہو! بیس پچیس سالوں میں پہلی بار آج تم کو یوں دیکھا ہے، یوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ملّا اسے سینے سے چمٹائے ابھی آگے کچھ کہنے ہی والا تھا کہ وہ بول پڑا ’’مُلّا صرف تم ہی سے نہیں، میں خود بھی آج پہلی بار اپنے آپ سے ملا ہوں۔ ‘‘
’’دیکھنا پھر بچھڑ نہ جانا!‘‘ ملّا اس کے پہلو میں بازو ڈالے کرسیوں کی جانب بڑھ رہا تھا، جہاں باقی سبھی، ’واہ باؤ جی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ واہ باؤ، زندہ باد۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘کے نعروں سے، اس کا یوں استقبال کر رہے تھے جیسے اُس سے پہلی بار مل رہے ہوں۔
٭٭٭

نشے میں دھت برف پر چلتا آدمی!

ْْْْْْْْْ

’’تم لکھتے ہو؟‘‘ اس نے زور دیتے ہوئے پوچھا۔
’’تم کیچڑ اچھالتے ہو!‘‘ لمحہ بھر کی خاموشی کے بعد اُس نے خود ہی جواب بھی دے دیا۔
’’کیا میں کیچڑ اُچھالتا ہوں ؟‘‘ میں نے خود سے پوچھا اور اس کے سوال کو گول کر گیا۔
میرا ساتھی میرے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے، یوں ڈگ بھرنے لگا تھا جیسے نشے میں دھت آدمی برف پر چل رہا ہو۔
’’یہ سچ ہے !‘‘ مجھے اُس کی سرگوشی صاف سنائی دی۔ ہجرت کے عمل کے اثرات، جو تم لکھتے ہو، وہ ماحول کے منصفانہ تجزیئے کی عکاسی کرتے ہیں۔ تم بے کار میں پریشان ہو رہے ہو۔ میں محض تمھاری بات نہیں کر رہا۔ تم تو گھبرا رہے ہو۔ ‘‘ وہ بولے جا رہا تھا۔ میں چلتے چلتے رک گیا اور ایک پتھر پر بیٹھ گیا۔ چہرے سے پسینہ پونچھا۔ اب وہ بھی میرے سامنے بیٹھ چکا تھا۔ میرے جی میں آئی کہ جس پتھر پر بیٹھا ہوں وہی اُٹھا کر اُس کے سر پہ دے ماروں، لیکن یہ محض میرا خیال ہی رہا۔
’’کاش تم جانتے ہوتے کہ غیر ملکی ماحول میں مہاجروں یا وہ جنہیں تم تارکینِ وطن کہتے ہو، اُن کی الجھنوں اور روزگار کی مصیبتوں کے علاوہ اُن کی خانگی زندگیوں اور دو ثقافتوں کے پڑوں میں پستی ہوئی اولادوں کے حالات کا پس منظر کیا ہے؟‘‘ وہ مسلسل بولے جا رہا تھا۔
’’کاش تم واقعی میں جان سکتے ہوتے کہ یہ سب کچھ کیوں اور کیسے رونما ہوتا ہے؟ تم نے کبھی غور کیا ہے کہ جن لوگوں کے بارے میں تم لکھتے ہو، اُن کے لئے اِن سماجوں میں کس خاص قسم کے حالات پیدا کئے جانے چاہئیں ؟‘‘
میں خاموش بیٹھا اُس کی باتیں سُن رہا تھا۔ میں نے تہیہ کر لیا ہوا تھا کہ آج اُس سے بحث نہیں کروں گا۔ ایک تو وہ بڑی مدت کے بعد آج خود مجھ سے ملنے آیا تھا۔ اور پھر مجھے یہ بھی احساس تھا کہ اس طرح کی بحث یا بات چیت کے دوران جب بھی میں اُسے اپنی بات سمجھانے کی کوشش کرتا یا اپنی صفائی میں کچھ کہتا، بعد میں وہ میری بات کو اُلٹا میرے ہی خلاف ہتھیار بنا لیا کرتا تھا۔ اسی لئے میں محض ہوں، ہاں سے کام چلاتے ہوئے، اس سے ہمکلام تھا۔
’’چلو اگر ان مغربی یورپی سماجوں میں نہیں تو کم از کم اُس سماج ہی میں جسے یہ چھوڑ کر یہاں آ گئے ہیں، وہاں کچھ ایسے حا لات تو پیدا ہونے چاہئیں کہ ان کے باقی ماندہ، وہاں رہ جانے والے رشتہ دار تو ادھر کی خواہش نہ کریں۔ اور وہاں ہی ان کی گزر ہو سکے۔ تم چپ کیوں ہو؟‘‘ اُس نے سوال کی کیل ٹھونکی اور پھر بولنے لگا۔
’’یہ تم جو اِن لوگوں کو ’’تارکینِ وطن‘‘ لکھتے ہو، اور یوں اُن ہی میں سے ہوتے ہوئے، خود کو اُن سے فاصلے پر رکھ لیتے ہو اور سمجھتے ہو کہ مقامی سماج میں یہ تم ہی ہو، جو آگے بڑھ پائے ہو، کیا تم نے کبھی ان کی ہجرت کی وجوہات پر غور کیا ہے؟ انہوں نے یہ خود ساختہ جلاوطنی کیوں اختیار کی ہے؟‘‘ وہ بولے جا رہا تھا۔ ’’تم نے کبھی اُن دیہاتوں کو قصبوں کو دیکھا ہے، جہاں سے یہ لوگ آئے ہیں ؟ کاش تم کو معلوم ہوتا کہ جس ملک کے گاؤں میں ایک پرائمری سکول کھولے جانے کے محض زیر غور منصوبے ہی کو وہاں کے جاگیردار اپنی جاگیرداری اور حکام اپنے آمرانہ تسلط کے لئے زبردست خطرہ تصور کرتے ہوں، یہ لوگ وہاں تہذیب سیکھ سکتے تھے؟ کیا یہ علم حاصل کر سکتے تھے؟ استاد جو دنیا بھر میں ایسا فنکار مانا جاتا ہے جو قوم کا معمار ہوتا ہے، تم جانتے ہو ہمارے ملک میں وہ کیا ہوتا ہے؟ محض مزدور! وہ بھوکا رہتا ہے۔ دبا ہوا، کچلا ہوا، مسلسل اس خوف میں مبتلا کہ کہیں دو وقت کی روٹی سے بھی ہاتھ نہ دھو بیٹھے۔ حویلیوں اور کوٹھیوں والے اُسے ڈانٹتے پھٹکارتے رہتے ہیں۔ وہ تو ’’کمّی‘‘ سے بھی ’’کمترین‘‘ سمجھا جاتا ہے،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہے نا!‘‘ شاید وہ اپنی بات کی مجھ سے تصدیق چاہتا تھا۔ مجھے سگریٹ سلگاتے دیکھ کر وہ خاموش ہو کر کچھ سوچنے لگا اور پھر یکدم بولا۔
’’تم نے کبھی اُس ملک کی سل زدہ تنگ کوٹھریوں میں گزر بسر کرنے، اور زندگی کو محض آگے دھکا دینے کے لئے پتھر کوٹنے والے لوگوں کو دیکھا ہے؟ وہ تیس بتیس سال کی عمر ہی میں، ورم، حنجرہ، گٹھیا اور تپ دق کا شکار ہو جاتے ہیں۔ تم نے کبھی سوچا ہے کہ وہاں کا نوجوان طبقہ کیسی کیسی تنہائیوں کا شکار ہے۔ تم اور تمھارے جیسے کئی دوسرے اپنی کہانیوں اور عشقیہ شاعری سے محض اِن نوجوانوں کے جذبات بھڑکاتے ہو۔ اُن کے اندر جنسی حِسوں کو بیدار کر کے اُن میں آگ تو لگا دیتے ہو لیکن اس کے ٹھنڈا کرنے کا مداوا نہیں کرتے ہو۔ یہ آگ ان معصوموں کو راکھ بنا دیتی ہے۔ کتنا گھناؤنا ہے یہ سب کھیل، جس میں تم سب لکھاری اور وہاں کی ساری ریاستی مشینری، کانسٹیبل سے لے کر دربار سرکار تک اور، ملّاؤں سے لیکر ادیب و شعراء سبھی سماج کو سدھارنے، طبقاتی اونچ نیچ ختم کرنے اور فرقہ وارانہ یکجہتی پیدا کرنے کے نام پر مذہب و سیاست اور ادب کی آڑ میں سب کچھ تہس نہس کر رہے ہیں۔ ‘‘ اس نے تھوڑا سا وقفہ لیتے ہوئے مجھے یوں دیکھا جیسے اندازہ لگانا چاہتا ہو کہ میں واقعی میں اس کے سامنے ہی بیٹھا ہوا ہوں۔ اب وہ پھر گویا ہوا۔
’’میں تو جب بھی اپنے ملک جاتا ہوں اور یہ سب کچھ ہوتا دیکھتا ہوں تو کسی حد تک اپنے آپ کو بھی اس کے لئے قصوروار سمجھنے لگتا ہوں۔ ‘‘ میں نے دیکھا کہ وہ اب چوکڑی دے کر گھاس پر بیٹھ گیا تھا اور مجھے گہری نگاہوں سے دیکھ رہا تھا۔ گویا جیسے اُس نے اب خم ٹھونک لیا ہو۔
’’کتنا نا معقول اور بد سلیقہ ہے ہمارا ملک،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’مملکتِ خداداد!‘‘ جس کے لئے خدا نے لاکھوں انسانوں کی جانیں بطور نذرانہ وصول کیں۔ ‘‘ وہ ہلکا سا قہقہہ لگانے کے بعد پھر بولا۔
’’تم نہیں جانتے ہو کہ وہاں چودہ پندرہ برس کی عمر میں ہی لڑکیوں کی پیاری پیاری آنکھوں پر حسرت و یاس اور غم کی سیاہ بدلیاں چھا جاتی ہیں۔ ان کے گالوں پر سیاہ شکنیں اُبھر آتی ہیں، ان کا جوبن لڑھک جاتا ہے۔ وہ نسوانیت سے محروم بس بچے پیدا کرنے والی مشینیں بنا دی جاتی ہیں۔ تم لوگ جو لفظوں کے ’’آمین‘‘ ہو تم اُن کے خوابوں کی قدر و قیمت کے شناسا ہو۔ تم ان کی تقدیر بدلنے اور پاؤں میں پڑی رہنے والی سماجی زنجیروں سے اُن کو آزاد کرانے کے لئے عملاً کیا کرتے ہو؟‘‘ اس کا لہجہ اب اداس اور زیرِ لب طنزیہ ہنسی تھی۔
’’یہ تمھاری دیدہ دانستہ خاموشی یا پھر کیا کہوں، تمھارا یہ صبر و تحمل، یہ تو آج انعام کا مستحق ہے۔ ‘‘ وہ پھر بولا۔ ’’آج تو تم یوں خاموش ہو جیسے پتھر،۔ ۔ ۔ ۔ ۔، پتھر !، جس پر تم بیٹھے ہوئے ہو۔ میں بھی کتنی منحوس باتیں کئے جا رہا ہوں۔ ‘‘اُس کی باتیں مجھے بدحواس بنا رہی تھیں۔ اور اس کے الفاظ تیروں کی طرح مجھے زخمی کر رہے تھے۔ لیکن میں واقعی خاموش تھا۔ نہ سی، نہ ہاں نہ ہوں، بس خاموش!، پتھر!!
’’تم ایک کہانی، غزل یا نظم لکھ کر سمجھ لیتے ہو کہ تم نے اُن کے حالات سدھارنے کا اپنا فرض پورا کر لیا ہے۔ دراصل تم لوگ داد و تحسین کے لئے، سرکاری مشینری، اجارہ داروں، جاگیرداروں کے ہاتھوں پسے ہوئے اِن مظلوموں کی تضحیک کرتے ہو۔ یہ تم ہی ہو جو انعام و اکرام اور حسن کارکردگی کے تمغوں کے لئے اجارہ داروں اور سرکار کے قصیدہ خواں بن جاتے ہو۔ وہ غریب مسکین، لاچار لوگ تو تمھاری ’’ادبی تخلیقی بھٹیوں ‘‘ کا ایندھن اور خام مال ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خام مال!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہیں نا؟‘‘ وہ ہاتھ کی انگلی سے زمین پر یوں ایک لکیر کھینچتے ہوئے بولا گویا اپنے اور میرے درمیان ’’حدِ فاصل‘‘ کھینچ رہا ہو۔
’’تمہیں اپنی سوچ، اپنی فکر اور اپنی زبان میں بات کرنی چاہیے۔ تم کو خود اپنا تشخص بحال اور مضبوط رکھ کر قدم اُٹھانا چاہیے‘‘ لیکن تم تو اُسی بحرۂ شمالی میں مدغم ہوتے جا رہے ہو، جس کا زہر آلود پانی یہ مغربی اقوام ہمارے لوگوں کی رگوں میں بظاہر نئی زندگی پیدا کرنے کے لئے امرت کے طور پر انڈیل رہی ہیں۔ تم جانتے ہو! یہ دراصل اُن کے بچے کھچے خون میں زہر ملایا جا رہا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تمھاری اپنی انفرادیت کہاں ہے؟ تم اپنے سماج کو، یہاں پر اپنے لوگوں کو یہ ضمانت کیسے دے سکتے ہو کہ تم اُن سے ہمدردی رکھتے ہو؟ کیا تم واقعی میں کہہ سکتے ہو کہ تم جو لکھتے ہو وہ اُن کی تضحیک یا تمسخر نہیں بلکہ اُن کے مسائل کی نشاندہی ہے اور اُن کے مسائل کو حل کرنے کی ممکنہ راہ بھی!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا تم یہ ضمانت دے سکتے ہو؟ تم تو اپنے بارے میں بھی شاید یہ ضمانت نہیں دے سکتے کہ تم جو لکھتے ہو وہ اپنے لوگوں کے حق میں لکھتے ہو!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ انسانیت کے لئے لکھتے ہو!!‘‘ وہ شاید جذباتی ہو رہا تھا، لیکن میں یہ ضرور سوچنے لگا تھا کہ اُسے آج یہ کیا ہو گیا تھا؟ اُ س کا یہ مبلّغانہ انداز اس سے پہلے تو کبھی اتنا سخت نہیں ہوتا تھا۔ بلکہ پہلے تو اس نے کبھی ایسا رویہ اختیار ہی نہیں کیا تھا۔
’’کیا اس کو پتا چل گیا ہے کہ کہانیوں کی میری نئی کتاب بازار میں آ گئی ہے؟‘‘ میں نے اپنی بغل کے نیچے اپنے تھیلے کو مضبوطی سے دبا لیا۔
’’سنو! میں تم پر محض تنقید نہیں کر رہا ہوں۔ تم اور تمھارے ساتھیوں کا مقصد نیک ہی سہی، لیکن اُن لوگوں کی بھی تو خبر لینا چاہیے جو ہمارے ملکی سماج میں، سرکار دربار میں اعلیٰ عہدوں پر جمے بیٹھے ہیں۔ جنہوں نے اپنی ناک سے آگے تو کبھی دیکھا نہیں اور وہ ملّا پیر، وہ حجروں میں عصمتیں لوٹنے والے بھیڑیئے اور وہ سرکاری گرانٹوں پر پلنے والے دانشور چوہے!، وہ دعوے کرتے ہیں سماج سُدھارنے کے، یہی انصاف کے وہ ناسور میں جو لوگوں کی قسمتوں کے فیصلے کرتے ہیں اور جن کے ہاتھوں مجبور ہو کر ہم جیسے نقلِ مکانی کرنے اور دو وقت کی روٹی کمانے کے لئے اپنی دھرتی، اپنے لوگوں اور اپنی ہر راحت کو قربان کر دینے پر مجبور کر دیئے جاتے ہیں۔ ہمارے ادیبوں کو شاعروں، دانشوروں کو، آج بھی ایسے لوگوں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے جو ہمدردی کے چوغے پہنے، بڑی منافقت و بے رحمی کے جابرانہ ہاتھوں سے قوم کے ذہن و شعور کی فکری و روحانی متاع تباہ کر رہے ہیں، لیکن ہو کیا رہا ہے؟ ائیر کنڈیشن کوٹھیوں میں سمگلنگ کے ولایتی ساز و سامان سے آراستہ ڈرائنگ روموں میں سازشیں ہو رہی ہیں۔ قوم کو قابو میں کیسے رکھا جائے؟ سیاستدان، ملّا، وہ دین کے اجارہ دار، جاگیردار۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ سب لوگوں کے احساسات و خیالات کو اپنی مرضی کے تابع رکھنے کی تدبیریں سوچتے رہتے ہیں۔ منصوبے بناتے رہتے ہیں اور یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ ادیب شاعر اور دانشوریہ کھیل نہ صرف دیکھ رہے ہیں بلکہ ان کی اکثریت، سرکار دربار کی آشیرواد کے لئے، بے وقعت، معمولی سی، وقتی شہرت کے لئے، اس کھیل میں شامل بھی ہے۔ کتنی شرمناک بات ہے یہ۔ ‘‘ وہ بولا۔
پچھلے کئی دنوں سے میں ایک مضمون لکھنے کے لئے سوچ رہا تھا۔ میرا ارادہ تھا کہ آج فارغ ہونے کی وجہ سے یہ مضمون قلم بند کر لوں گا۔ ’’میں کیوں لکھتا ہوں !‘‘ عنوان بھی میرے ذہن میں تھا اور مضمون کا خاکہ بھی۔ لیکن یہ کم بخت آج صبح ہی آن نکلا اور زبردستی ضد کر کے مجھے گھر سے باہر لے جا کر پارک میں ادھر ادھر گھماتا رہا اور پھر میں تھک کر ایک بڑے پتھر پر بیٹھ گیا تھا۔ اب شام ہونے والی تھی اور میں واپس گھر جانے کے لئے اُس سے اجازت لینے کے لئے کچھ کہنے ہی والا تھا کہ وہ بول پڑا۔
’’جس معاشرے میں تین چوتھائی افراد کم عمری ہی میں روزی روٹی کی جد جہد شروع کرنے پر مجبور ہو جائیں اور انہیں اپنے لئے ہی نہیں بلکہ دوسروں کا پیٹ بھرنے کے لئے بھی محنت مشقت کرنی پڑے، تم بتاؤ وہ تعلیم کہاں سے سیکھیں گے، وہ علم کیا سیکھیں گے، تہذیب کہاں سے لائیں گے؟ بولو!، شعور کے دروازے اُن پر کیسے کھلیں گے؟ آئے دن روٹی روزی کی جد و جہد میں مصروف رہنے سے زیادہ اُکتا دینے والا کام اور کیا ہو سکتا ہے؟ یہ تو زندگی کی ساری مسرتیں، راحتیں، وہ خوشیاں، جو تم ان لوگوں میں دیکھنے کے متمنی ہو، انہیں چھین کر آدمی کو بالکل ہی بے امنگ کر دیتا ہے۔ ‘‘ وہ بولے جا رہا تھا۔ ’’جس معاشرے میں ڈاکٹر کا اپنا مرض اُس کے مریضوں کی نسبت کہیں زیادہ ہو، کہیں بڑھ کر اذیت دہ ہو، وہاں عوامی صحت کا معیار تو درکنار، عام حال کیا ہو گا؟ جہاں ادیبوں کی کتابیں، شعراء کے مجموعہ ہائے کلیات کے اوراق، پان کی گلوریاں باندھنے کے لئے استعمال ہوں اور وہ پان کھانے والے بھی وہی ادیب، شعراء اور مصنف ہوں جن کی کہانیوں اور فکری احساس کے مجموعے اور کلیات کی کتابوں کے اوراق پنساریوں کی دکانوں اور پکوڑے بیچنے والوں کے ٹھیلوں پر ورق ورق کر دیئے جاتے ہوں، تو پھر ایسے ماحول میں ان دانشوروں، ادیبوں، شاعروں سے کیا توقع کی جا سکتی ہے، جو اپنی ہی روح کے قتل پر خاموش رہتے ہیں۔ تم اور تمھارے ساتھی، اچھے موسم، اچھی فصل اور پر مسرت رومانس کی امید صرف امید میں ہی جینے کے عادی ہو، تم تو محض خواب دیکھنے والے ہو، خواب! اور یہی حال تم نے قوم کا کر رکھا ہے، جس کا ہر فرد راتوں رات امیر بننے، کوٹھی، بنگلہ، کار اور بنک کھاتوں کا مالک بن جانے کے خواب دیکھ رہا ہے!!‘‘ اب اس کی آواز میں کرختگی کے ساتھ قدرے دھیما پن آ گیا تھا۔ اس نے لمحہ بھر کے وقفے سے میری طرف دیکھا اور پھر بولا۔
’’میں نے کبھی کسی کو نہیں دیکھا جو عقل مند ہو جانے کی آرزو رکھتا ہو، علم کا متلاشی ہو!، اور پھر علم و عقل کے ساتھ زندگی میں نئی امنگ پیدا کرنے کی جستجو کرنے والا ہو، ہے کوئی تمھارے سمیت ایسا تمھارے حلقے میں ؟ اُس نے میری جانب اپنے سوال کا تیر پھینکتے ہوئے اپنی بات جاری رکھی۔
’’میں جانتا ہوں تم خاموش رہ کر بھی خاموش نہیں ہو۔ تمھاری یہ خاموشی مجھے بہت کچھ کہہ رہی ہے۔ آج جب میں تم سے ملاقات کے لئے آیا تھا تو لگتا تھا جیسے میں کسی ادیب کے پاس آیا ہوں، دل میں جھجک تھی اور ذہن پر تمھاری کہانیوں کا اثر بھی۔ ایک طرح کا کچھ خوف بھی تھا کہ تم سے بات کیسے کروں گا۔ دراصل میں تم کو کچھ بتانا چاہتا تھا۔ میں بتانا چاہتا تھا کہ میں بھی کچھ ہوں !، میں، میں ہوں ! میں !!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں محض ایسا کردار نہیں ہوں جسے تم اپنی ہر کہانی میں در لاتے ہو،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں، میں ہوں ! میں !!، میری انفرادیت و حیثیت کا مجھے اب خوب احساس ہے۔ میں اپنی یہ شعوری انفرادیت، اجتماعیت کے اندر رہ کر صرف اُسی کے لئے وقف کر چکا ہوں !‘‘ میں نے دیکھا کہ وہ اب میری طرف پشت موڑے، سامنے پارک میں کھیلتے ہوئے بچوں کو دیکھ رہا تھا۔ شاید وہ اپنا مدعا کہہ چکا تھا۔
’’تمہیں تو شاید ابھی یہیں بیٹھنا ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔، میں چلتا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ میں نے کھڑے ہو کر اپنے بغل والے تھیلے سے اپنی کہانیوں کا نیا مجموعہ نکالا اور اس کی طرف بڑھاتے ہوئے پتھر پر رکھ دیا۔
’’چاہو تو اسے پڑھ لینا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کتابت و طباعت کی کچھ غلطیاں ہیں، لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ میں اس سے آگے کچھ بھی نہ کہہ پایا اور لمبے ڈگ بھرتا ہوا گھر کی طرف چل دیا۔ میرے قدم یوں پڑ رہے تھے جیسے نشے میں دھت آدمی برف پر چل رہا ہو۔
٭٭٭

تنہائی کا کرب

’’بہار کی ایک خوبصورت دوپہر!‘‘
اُس نے حیرت کے ساتھ اردگرد دیکھتے ہوئے اپنے آپ سے سرگوشی کی۔ ’’لیکن میں جا کہاں رہا ہوں ؟‘‘ اپنے اس سوال سے جتنا وہ خود کو پریشان سمجھ رہا تھا اُس نے محسوس کیا کہ وہ اپنے احساس سے کہیں زیادہ پریشان ہے۔ وہ سوچ رہا تھا اور ماتھے پر ہاتھ پھیر رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ہوں ! اس نے یکبارگی بڑے اطمینان کے ساتھ زیر لب کہا اور دائیں پاؤں کو زمین پر زور سے یوں دے مارا جیسے وہ اپنے خیال ہی خیال میں کسی قطعی فیصلے تک پہنچ چکا ہو۔
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’یہ تو طے ہے۔ ‘‘ وہ زیر لب بڑبڑایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’لیکن کیا حقیقت میں ایسا ہی ہو گا؟‘‘ وہ بے ساختہ، اچانک اور از خود اپنے ہی فیصلے کے متعلق بڑی بے چینی سے اپنے لئے کسی بد شگونی کا احساس محسوس کرنے لگا، اور پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس کے اعصابی تناؤ میں کھچاؤ آنے لگا۔ اذیت ناک اور بے انتہا اکیلے پن اور اجنبی پنے کا غمناک احساس، اچانک اُس کے دل پر شعوری طور سے طاری ہو گیا تھا لیکن، شہر کے اِس خوبصورت ترین، چھوٹی چھوٹی جھیلوں سے بھرے پارک میں ادھر اُدھر کیاریوں میں اُگے پھولوں پہ مچلتی تتلیوں کے درمیان وہ اپنے دلی جذبات کے اذیت ناک احساس کی بدبو نہیں پھیلانا چاہتا تھا لیکن اپنی صورت حال کی وجہ سے وہ اپنے لئے ایک بھی ’’انسانیت آمیز‘‘ لفظ تک تلاش نہیں کر پا رہا تھا۔ ’’یہ سب کچھ میرے اپنے اعمال کا نتیجہ ہی توہے۔ ‘‘ اس نے پھر خود سے سرگوشی کی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ایک ملک میں سولہ سال قیام کے باوجود۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں آج بھی لوگوں کے لئے اجنبی ہی ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا میں واقعی میں یہاں ابھی تک اجنبی ہی ہوں ؟‘‘ وہ زیر لب مسلسل بڑبڑا رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’نہیں ! یہ محض میرا قیاس ہی ہو سکتا ہے، یہ میرا واہمہ ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں کسی بھی طرح سے یہاں اجنبی نہیں ہوں۔ ‘‘ اچانک اُسے احساس ہوا کہ اس کا خود کو یوں اجنبی تصور کرنا کسی بھی طرح درست نہیں ٹھہرتا۔ اُسے اپنے کئی مقامی دوستوں کے نام اور ٹیلیفون نمبر تک یاد تھے۔ دفتر میں اُس کے شریک کار، اُس کے محلے میں اُس کے ساتھ رہنے والے شناسا چہرے، جن کے ساتھ اُس نے کتنی ہی بار شراب کے جام اُڑائے تھے، اور پھر اُس کے اپنے ملک کے کتنے ہی دوسرے لوگ جو یہاں آ کر آباد ہو گئے ہوئے تھے اور ان میں اکثر کو تو وہ اپنے گھر کے افراد ہی کی طرح جانتا تھا۔ ’’تو پھر وہ اجنبی کیسے ہوا؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’مجھے بہار کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہونا چاہیے۔ ‘‘ اچانک اُسے اپنے فارغ پنے کا احساس ہوا۔ وہ بینچ پر سے اچھل کر کھڑا ہو گیا۔ ایک لمبی انگڑائی لی اور، چل پڑا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’کیا میں سچ مچ وہ بہار سے لطف اندوز ہو سکوں گا‘‘ وہ پھر اپنی ہی سوچ کی گرفت میں جکڑ گیا تھا۔
اب وہ مسلسل چل رہا تھا۔ ’’گھر لوٹا جائے۔ ‘‘ اس خیال سے اچانک اس کی طبیعت بھر گئی۔ ’’گھر!‘‘ وہ اپنے خیال پر ہلکا سا مسکرائے بغیر بھی نہ رہ سکا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’وہ الماری نما بھیانک کمرہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ گھر کا نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ ‘‘ یہ سوچتا ہوا اب وہ ایک طرح سے ناک کی سیدھ میں چل رہا تھا۔
اس کے اعصابی تناؤ میں کھچاؤ بڑھنے لگا تھا۔ اس نے لا شعوری طور پر، ایک کوشش سی کر کے، کسی اندرونی خلش کے تحت، خلش سے کہیں زیادہ غالباً ضرورت کے تحت ادھر اُدھر دیکھنا شروع کر دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ارد گرد کی ہر چیز کو، اپنے آگے پیچھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’لیکن وہ تلاش کیا کر رہا تھا؟‘‘ یہ تو غالباً وہ خود بھی نہیں جانتا تھا۔ اور اگر اس سے آگاہ بھی تھا تو یہ محض اس کے تحت الشعور میں دبی ہوئی کوئی ایسی چیز ہو سکتی تھی، جو ابھی نہ تو پوری طرح خیال بن کر اس کے ذہن میں آئی تھی اور نہ ہی ایسے احساس میں ڈھلی تھی جسے وہ محسوس کر سکتا۔ وہ بار بار اپنے خیالات میں غرق ہو جاتا تھا اور پھر جب چونکتا، سر اُٹھاتا اور قدرے رک کر چاروں طرف نگاہ دوڑاتا تو فوراً ہی بھول جاتا کہ وہ ہے کہاں اور جا کہاں رہا ہے۔ اپنی اس حالت میں وہ اپنے خیالوں میں پارک سے باہر نکل آیا ہوا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ کیا!، اتنا چلنے اور وہ بھی ناک کی سیدھ میں، وہ ابھی تک اسی پارک ہی کے وسط میں تھا۔ ’’تو گویا میں ویسے ہی چکر لگاتا رہا ہوں۔ ‘‘ اس نے اپنے ارد گرد ہریالی اور پھولوں کی تازگی پر نگاہ ڈالتے ہوئے سوچا۔ کھلے ہوئے پھولوں کے شگفتہ رنگ، اس کی تھکی ہوئی آنکھوں کو بھلے لگے۔ وہ ان رنگوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے کیاریوں کے ساتھ ساتھ چلنے لگا، لیکن جلد ہی یہ نیا اور خوشگوار احساس ختم ہو گیا۔ اسے اپنی ٹانگیں بھاری سی محسوس ہونے لگیں اور کندھوں پر انجانا سا بوجھ بھی۔ اب وہ گھر لوٹ جانا چاہتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’گھر!‘‘ اس کے ذہن میں خیال ابھرا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’الماری نما بھیانک کمرہ‘‘ وہ چلتا چلتا، خوبصورت پھولوں والی کیاریوں سے ہٹ کر جھیل کے کنارے کنارے، خود رو جھاڑیوں کے ایک جھنڈ کے قریب پہنچ چکا تھا اور کھاس پر لیٹ گیا تھا۔ یہاں گھٹن نہیں تھی بلکہ جھیل کے اوپر سے ہو کر آتی ہوئی خنک ہوا جو پھولوں کی خوشبو سے مہک رہی تھی، اسے بڑی بھلی لگی۔ اور پھر اُس نے آنکھیں بند کر لیں۔ نیند اُس پر غالب آ چکی تھی اور وہ فوراً ہی وہیں سو گیا تھا۔
بے چارگی و اذّیت ناک صورت حال سے دوچار، جب کوئی سو جاتا ہے تو اُسے اپنی نیند پر اختیار نہیں ہوتا اور ایسی نیند میں دیکھے اکثر خوابوں کی خصوصیّت بھی بڑی عجیب ہوتی ہے۔ ان کے واقعات، وضاحتوں اور حقیقتوں میں غیر معمولی مشابہت ہوتی ہے۔ کبھی کبھی یہ خواب بھیانک اور عجیب الخلقت تصویروں میں بدل جاتے ہیں تو کبھی ان خوابوں کے ماحول اور انسانی تخیّل کا سارا عمل اتنا قابل یقین ہوتا ہے اور اتنا عمدہ و نفیس اور غیر متوقع لیکن بھر پور تفصیل یوں رچی بسی ہوتی ہے کہ خود خواب دیکھنے والا جب بیدار ہوتا ہے تو خوامخواہ وہ خود کتنا ہی بڑا فنکار کیوں نہ ہو کبھی بھی اپنے خواب کے تصور کو حقیقت کے روبرو نہیں دیکھ سکتا، حالانکہ خواب میں اُس نے شاید کتنی ہی چیزوں کو چھوا بھی ہو لیکن، بیداری کے بعد اس کا ان چیزوں کو پا لینا تو درکنار وہ تو ان کو چھو بھی نہیں سکتا۔ اس طرح کے خواب، خواب نہیں رہتے، وہ ایک ایسا تصور بن جاتے ہیں جو کسی کی زندگی کا جز بن کر بہت دونوں، برسوں تک یاد رہتے ہیں اور بعض خواب تو انسان کے مرنے تک اس کے ذہن میں یوں تازہ ہوتے ہیں گویا ابھی ہی دیکھے ہوں۔ ایسے خواب ہیجان سے بھرے ہوئے انسان کے پریشان و پراگندہ جسمانی نظام پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔
اُس نے خواب میں دیکھا کہ وہ کس طرح کوپن ہیگن کے عالمی ہوائی اڈّے پر جہاز سے باہر نکل رہا تھا۔ اگرچہ یہ سولہ برس پرانا واقعہ تھا لیکن خواب میں، جہاز سے باہر اترنے کا منظر وہ بالکل ویسے ہی دیکھ رہا تھا جیسا کہ اُس کے حافظے میں محفوظ رہ گیا ہوا تھا۔ لیکن نہیں ! یہ منظر تو حافظے میں محفوظ رہ گئے ہوئے منظر سے بھی کہیں زیادہ صاف تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پھر یکے بعد دیگرے ڈنمارک میں اس کے پچھلے سولہ برسوں کی فلم اُس کی آنکھوں کے سامنے یوں چلنے لگی، گویا وہ واقعی ایسی ویڈیو فلم کو دیکھ رہا ہو جو کسی نے اسے بتائے بغیر اسی کے شب و روز کے متعلق، اُس کا پیچھا کر کے بنائی ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس نے دیکھا کہ نو برس پہلے کیسے وہ ایک لڑکی سے یونیورسٹی کمپاؤنڈ میں ملا اور پھر اِن دونوں کی ملاقات پہلے گہری دوستی میں اور بعد میں ایک دوسرے سے شادی میں بدل گئی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور پھر، اس کے سامنے خواب میں جو منظر بدلا، تو وہ اپنے پانچ سالہ بچے کا بازو تھامے کپڑوں کی ایک دوکان میں داخل ہو رہا تھا۔ اُس نے اپنے بیٹے کی معصوم خواہش کے عین مطابق اس کے لئے انہیں رنگوں والے کپڑے خریدے جن کے لئے بچے نے اصرار کیا تھا۔ اُس نے دیکھا کہ دکان پر کام کرنے والی عورت دونوں باپ بیٹے کی معصوم شرارتوں سے لطف اندوز ہو رہی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’خدا ہر خاندان کو تمھاری طرح خوش رکھے۔ ‘‘ ہاں وہی دعا تواب وہ خواب میں سن رہا تھا جو اس عورت نے دی تھی۔ اُس نے دکان سے باہر نکل کر اپنے بیٹے کو خوشی سے، بازوؤں میں لے کر پہلے تو اسے ہوا میں اوپر اچھالا اور پھر اپنے کندھوں پر بٹھا لیا لیکن اسی دوران۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اسی دوران بچے کے ایک پاؤں سے اُس کا جوتا زمین پر گر گیا تھا جسے اٹھانے کے لئے جونہی وہ جھکا تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہاں نہ تو زمین پر کوئی جوتا پڑا تھا اور نہ ہی اس کے کندھوں پر اس کا بیٹا موجود تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس کی آنکھ کھل چکی تھی وہ نیند سے پوری طرح بیدار ہو چکا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’خواب!‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا میں محض خواب دیکھ رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ ادھر اُدھر دیکھتے ہوئے زیر لب بڑبڑایا۔ ’’نہیں یہ خواب نہیں ہو سکتا یہ تو میری اپنی زندگی کی عکس بندی کا حقیقی منظر تھا۔ ‘‘ وہ اب اپنے اردگرد سے بے نیاز گردن جھکائے ہاتھ کی انگلی سے گھاس پر لکیریں کھینچ رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایک، دو، تین چار۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تیرہ، چودہ، پندرہ، سولہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سولہ برس!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو کیا میں سولہ برسوں سے یہاں بیٹھا ہوں ؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا اور خود ہی تمسخرانہ انداز میں مسکراتے ہوئے گھاس پر یوں ہتھیلی پھیرنے لگا گویا اپنی زندگی کے سولہ برسوں کو جو اس کے سامنے لکیروں کی صورت میں تھے، مٹا دینا چاہتا ہو یا پھر انہیں اپنی زندگی سے خارج کر دینا چاہتا ہو۔
وہ اپنے خیالات اور سوالات پر دیر تک جھنجھلاتا رہا۔ اب وہ خواب میں دیکھے ہوئے اپنی زندگی کے مختلف مراحل پر غور کرنے لگا تھا۔ ’’ہاں، ہاں بالکل۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نے خواب نہیں دیکھا یہ تو میرے تحت الشعور کا ظہور تھا۔ ‘‘ وہ خود ہی بڑبڑایا۔ ’’گزرے ہوئے پچھلے واقعات کا تصور بھی بعض اوقات کتنا گھناؤنا اور اذیت ناک ہوتا ہے۔ ‘‘ وہ ابھی تک سوچ رہا تھا۔ اب اُس کی بیوی کو اُس سے الگ ہوئے دو برس ہونے کو آئے تھے اور وہ یہ بھی نہیں بھولا تھا کہ اُس نے اپنے بیٹے کو کچھ نہیں تو چھ ماہ پہلے تب نئے کپڑے خرید کر دیئے تھے، جب اُس کی پانچوں سالگرہ تھی اور اس کی ماں نے خاص مہربانی سے کام لیتے ہوئے اسے اجازت دے دی تھی کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ کچھ وقت گزار سکتا ہے۔ اُسے وہیں بیٹھے بیٹھے اپنی تنہائی کے احساس کو ایک نئے رخ سے دیکھنے کی اگرچہ تحریک ہوئی لیکن شاید وہ پیچھے مڑ کر دیکھنا ہی نہیں چاہتا تھا۔ اُسے خیال آیا کہ کس طرح پچھلے مہینے، سر راہ، جب وہ اپنی ہی سوچوں میں گم کہیں جانے کے خیال میں ایک طرح سے بڑی تیز رفتاری کے ساتھ جا رہا تھا تو کس طرح اچانک ایک بچے نے لپک کر اُس کے لمبے اُوور کوٹ کو پکڑ لیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’پاپا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پاپا، تم کہاں جا رہے ہو؟‘‘ یہ اس کا اپنا بیٹا ہی تو تھا جو اپنے ننھے پاؤں کے بل کھڑا، بازو اوپر اُٹھائے اس کا بوسہ لینے کو بیتاب ہو رہا تھا۔ ’’ارے تم، میرے ننھے یار!، تم کہاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہاں کس کے ساتھ گھوم رہے ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تمھاری امی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟‘‘ اور وہ ابھی اتنا ہی کہہ پایا تھا کہ کسی نے اچانک اسے اپنے بازوؤں میں لے کر اپنے ساتھ بھینچ لیا تھا۔ یہ اس کی سابقہ بیوی اور اس کے بیٹے کی ماں تھی۔
’’میں تو تمھیں دیکھ ہی نہیں پائی تھی لیکن اس ’’چھوٹے شیطان‘‘ نے تمھیں اتنی بھیڑ میں بھی پیچھے سے پہچان لیا۔ ‘‘ ہاں اس نے یہی تو کہا تھا۔ اسے سب کچھ یاد آنے لگا تھا۔
’’یہ تم نے اپنی کیا حالت بنا رکھی ہے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کچھ سوچو تو، اپنے لئے تو زندہ رہنا سیکھو!‘‘ یہی تو وہ کہہ رہی تھی اور اس کا بیٹا جسے اس نے اب اٹھا رکھا تھا، ابھی تک بے ترتیبی سے بڑھے ہوئے اس کے بالوں کو اپنی ننھی انگلیوں سے سلجھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ وہ اس موقع پر خاموش ہی رہا۔ ہاں اسے اچھی طرح یاد تھا کہ اس نے کچھ بھی تو نہیں کہا تھا اور پھر وہ دونوں ماں بیٹا اسے خدا حافظ کہتے ہوئے اُس کی نظروں کے سامنے سے دور ہوتے گئے تھے۔ اس کا بیٹا کتنی ہی دیر خدا حافظ کہنے کے انداز میں اپنا ننھا سا ہاتھ لہراتا رہا تھا، لیکن اُس کی ماں نے ایک بار بھی مڑ کر نہیں دیکھا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’وہ مڑ کر کیوں دیکھتی!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن میں یہ سب کچھ کیوں سوچ رہا ہوں ؟‘‘ اب وہ پھر ایک نئی سوچ میں اتر گیا تھا۔
وہ ابھی تک ٹانگیں زمین پر پھیلائے وہیں بیٹھا ہوا تھا اور اپنے آپ میں کُڑھ رہا تھا۔ خود اپنے آپ سے اپنے ہی سوالات، اس کے لئے اذیّت ناک جھنجھناہٹ پیدا کر رہے تھے۔ اگرچہ وہاں بیٹھا بیٹھا وہ اس خواب ہی کو دہرا رہا تھا جو اُس نے وہیں نیند میں تھوڑی دیر پہلے دیکھا تھا لیکن آخر اُسے ایسے خواب کیوں دکھائی دیتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جب اس کا اب کسی سے ربط ہی نہیں رہا تھا، تو کوئی خواب میں آ کر اس طرح کا تاثر کیوں دے کہ وہ سمجھنے لگے کی اُس نے جو خواب دیکھا وہ سچ ہی ہے، اور اگر سچ ہی ہے تو پھر یہ حقیقت میں اُس کے سامنے اس طرح کیوں نہیں آتا کہ وہ اس خواب کے کرداروں کو چھو سکے، انہیں اپنے ہاتھوں سے محسوس کر سکے۔ اب شام ڈھل رہی تھی اور پارک میں ایک عجیب طرح کا ماحول چھانے لگا تھا۔ اچانک جیسے وہ ہوش میں آ گیا ہو۔ اُس نے یکدم کھڑے ہو کر ایک لمبی انگڑائی لی، اور چلنے لگا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کہاں، اس سے شاید وہ خود بھی بے خبر تھا۔ اب وہ ایک طرح سے بے خیالی میں بھاری قدموں کے ساتھ آہستہ آہستہ چل رہا تھا۔ ’’ہاں یہ تو طے ہے!‘‘ اس نے خود سے سرگوشی کی اور جھیل میں اترتے ہوئے پرندوں کو کھڑا ہو کر دیکھنے لگا، لیکن جلد ہی اس کی نظر جھیل کنارے ایک دوسرے پر گردنیں جھکائے، پیار کرتے ہوئے دو آبی پرندوں پر جا ٹھہری۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب وہ زیر لب مسکرایا اور اپنا ہاتھ پتلون کی جیب میں ڈال کر کچھ ٹٹولنے لگا۔ اُس کے ہاتھ پچّیس اُورے کا ایک سکّہ لگا، جسے اُس نے آگے بڑھ کر بڑی احتیاط کے ساتھ کہ شور نہ ہو، جھیل کے پانی میں پھینک دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’تم زندگی بھر اسے طرح پیار کرتے رہو‘‘ یہ دعا دیتے ہوئے اُس کی نظریں پھر آبی پرندوں کو تلاش کرنے لگیں تھیں جو ابھی ابھی وہاں ایک دوسرے کو پیار کر رہے تھے، لیکن اب ان پرندوں کی جگہ محض ایک بگلا کھڑا ہوا تھا اور وہ بھی ایک ٹانگ پر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’میں بھی تو ایک بگلا ہی ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بگلا، اور اُس پہ پگلا بھی۔ ‘‘ اس نے تمسخرانہ انداز میں سوچا۔ اُسے خیال آیا کہ اِس آوارگی سے آخر حاصل کیا ہے؟ کیا وہ محض وقت گزار رہا ہے یا وقت ہی اس کے ہاتھوں سے خود بخود نکلے جا رہا ہے۔ اب وہ پھر چلنے لگا تھا۔ پھولوں کی کیاریوں کے کنارے کنارے، اس نے ایک ہاتھ بڑھا کر ایک پھول کو شاخ سے توڑا اور کوٹ کے کالر میں لگانے کے لئے سوچا۔ لیکن یہ کیا ’’میں نے کوٹ تو آج پہنا ہی نہیں ہوا‘‘ وہ سرگوشی کے انداز میں بولا۔ وہ تو محض ایک سویٹر پہنے ہوئے تھا۔ ’’مجھے پھول نہیں توڑنا چاہیے تھا۔ ‘‘ اس نے اپنے آپ سے بات کی اور ادھر اُدھر دیکھنے لگا۔ سامنے کھڑی ایک بڑھیا اس کی توجہ اس بورڈ کی طرف دلا رہی تھی جس پر لکھا تھا ’’پھول توڑنا سخت منع ہے۔ ‘‘ اس نے آگے بڑھ کر توڑا ہوا پھول نہایت انکساری کے ساتھ بڑھیا کو پیش کر دیا۔ بڑھیا نے بڑی خندہ پیشانی سے پھول تو قبول کر لیا لیکن اس کی مسکراہٹ میں چھپی طنز اسے دل میں اترتے ہوئے تیر کی طرح لگی۔ اب وہ پھولوں کی کیاریوں سے دور نکل آیا تھا۔ اُس نے دیکھا کہ کئی جوڑے ایک دوسرے کی کمر میں بازو ڈالے، قہقہے لگاتے چلے جا رہے تھے۔ چھوٹے بچے اپنے والدین کے ساتھ تھے، خوش رنگ لباسوں میں اچھلتے کودتے، کتنے بھلے لگ رہے تھے۔ ’’کبھی ہم تینوں بھی تو اسی طرح یہاں آیا کرتے تھے۔ ‘‘ اسے وہ دن یاد آ گیا جب وہ اپنی بیوی اور بیٹے کے ساتھ، شہر کے اسی پارک میں دوپہر سے شام تک پکنک مناتا رہا تھا۔
اسے اب اپنے آپ پر غصّے سے زیادہ رحم آ رہا تھا اور وہ ابھی تک مسلسل چل رہا تھا لیکن، اسے جانا کہاں تھا؟ یہ شاید وہ ابھی خود بھی نہیں جانتا تھا۔ ’’یہ شاید میرے غرور اور تکبّر ہی کا کیا دھرا ہے‘‘ اسے خود پر غصّہ آیا۔ ’’آخر میں اُس پر اتنا یقین کیوں کرتا تھا، میں یہ کیوں بھول گیا تھا کہ مشرق، مشرق ہے اور مغرب۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مغرب ہی ہے۔ ‘‘ وہ پھر اپنی سابقہ بیوی کے متعلق سوچنے لگا تھا۔ ’’لیکن اب کیا دھرا رہ گیا ہے، جب وہ ہی نہ رہی اور بچہ بھی جدا ہو گیا، تو پھر باقی کیا رہ گیا!‘‘ وہ عجیب طرح کے خیالات اور ان خیالات کے سبب وسوسوں میں الجھتا جا رہا تھا۔ لیکن عجیب بات یہ تھی کہ وہ اپنی سابقہ بیوی کی بیوفائی پر اپنی، تمام تر دلیلوں کے باوجود، اس کو موردِ الزام نہیں ٹھہرا سکا تھا۔ وہ کچھ بھی سوچتا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ الزام خود اپنے ہی سر لے لیتا۔ ’’میری تنہائی کی وجہ بھی تو میں خود ہی ہوں، کیا میں بھی کوئی اور ساتھی نہیں ڈھونڈ سکتا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ شریک حیات!، بیوی کے طور پر نہ سہی، وقت گذاری ہی کے لئے جزوقتی ہی سہی، آخر اس سماج میں سبھی کچھ تو ہے، بن بیاہی مائیں، شادی شدہ داشتائیں، حرامی مرد، مردوں کے عاشق، زنانِ زن باز۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آخر کیا کچھ نہیں یہاں ہوتا، میں بھی تو اسی ڈینش سماج ہی کا اب ایک حصّہ ہوں۔ ‘‘ وہ قدرے جھنجھلایا اور زور سے پاؤں زمین پر پٹخ دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’نہیں، نہیں ! یہ ڈینش سماج مجھے کب اپنا حصّہ سمجھے گا!‘‘ اس نے خود کلامی کی۔ ’’غیر ملکیوں کے سبب ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ڈینش اقتصادیات میں خسارہ ان غیر ملکیوں کی طرف سے یہاں سے کمائی ہوئی بھاری رقوم کو اپنے اپنے ملک بھجوانے کی وجہ ہی سے تو ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ غیر ملکی ہماری معاشیات کے لئے ایک بڑا خطرہ اور بوجھ ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہمیں ان سے چھٹکارا حاصل کرنا ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ ہماری مختصر سی آبادی کو اقلیت میں بدل دیں گے، انہیں نکال باہر کیا جائے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اسے پچھلے دنوں اخبارات میں شائع ہونے والی سرخیاں اور ’’عوامی بحث مباحثوں ‘‘ کے موضوعات یاد آنے لگے تھے۔
’’یہ سب بکواس ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ محض غیر ملکیوں کو بدنام کرنے کے متعصبانہ ہتھکنڈے ہیں۔ ‘‘ اس کے دل سے آواز اُٹھی۔ ’’ہم غیر ملکیوں نے اس ملک کی ترقی میں کیا کچھ قربان نہیں کر دیا۔ اپنی جوان بانہوں کے قوت، اپنے سر کے بال، اپنے بدن کے خدوخال اور،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور اب خاندان کی بھی بھینٹ چڑھا چکے ہیں اور یہ ڈینش سماج۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !‘‘ اس سے آگے وہ کچھ نہ سوچ سکا اور آگے چلتا گیا۔
اب وہ جھیل کے کنارے آخیر پر پہنچ چکا تھا۔ ’’وقت بھی عجیب چرکے لگاتا ہے۔ ‘‘ اُس نے جھیل کے پانی میں ڈوبتے ہوئے سورج کا عکس دیکھتے ہوئے سوچا۔ ’’دن بھر کی آوارگی کے بعد ڈوبے گا نہیں تو کیا کرے گا۔ ‘‘ اس نے سورج کی حالت پر ترس کھاتے ہوئے کہا۔ ’’میں تو سورج نہیں ہوں !، نہیں نہیں، نہیں ! میں نہیں ڈوبوں گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہر گز نہیں !!‘‘ اس نے اپنی حالت کا سورج سے موازنہ کرتے ہوئے، ایک طرح سے اپنے بارے میں خود ہی فیصلہ دے دیا تھا۔
اب وہ پارک سے نکل کر سڑک پر پہنچ چکا تھا اور آگے بڑھنے کے لئے ’’سبز بتّی‘‘ کے انتظار میں کھڑا تھا۔ اتنا اُسے یاد تھا پھر اچانک ہی اُسے اپنا وہ خواب یاد آ گیا جو اس نے تھوڑی دیر پہلے پارک میں جھاڑیوں کے قریب سوتے میں دیکھا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’آخر ایسے خواب، میرا پیچھا کیوں نہیں چھوڑتے؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا۔ اب وہ سبز بتی دیکھتے ہوئے سڑک پار کر رہا تھا۔ ’’بہر حال یہ کوئی نئی بات بھی نہیں۔ ‘‘ اس نے اپنے سوال کا خود ہی جواب بھی تلاش کر لیا تھا۔ ’’یہ خواب جو آج میں نے دیکھا ہے ’’اچانک‘‘ بھی تو نہیں دیکھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب وہ اپنے جواب کی خود ہی دلیلیں بھی دینے لگا تھا۔ ’’یہ انہی پرانے، اذیّت ناک حالات کا ہی تو نتیجہ ہے جو مجھے پچھلے ڈھائی برس سے گھیرے ہوئے ہیں۔ ‘‘یہ سوچ کر وہ بڑا اداس ہو گیا۔ اسے قدم اُٹھانا محال لگنے لگا۔ اُسے محسوس ہوا کہ آج وہ جس صورت حال سے دوچار ہے اور یوں کُڑھ رہا ہے در اصل یہ تو پچھلے کئی مہینوں اور خاص کر پچھلے چند ہفتوں سے اُسے کوفت پہنچا رہی ہے اور اُسے پریشان رکھے ہوئے ہے۔ اور آج اس میں یہ جو بھیانک و اذّیت ناک پہلو اُبھر آیا ہے اور دل و دماغ کو اذّیت پہنچا رہا ہے شاید یہ اذّیت و کربناکی کسی فیصلے کا تقاضا کر رہی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’فیصلہ!‘‘ اس نے سوچا۔ ’’وہ تو طے ہی ہے! نہ ادھر کا رہا نہ اُدھر کا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب تو کچھ نہ کچھ کرنا ہی ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ورنہ، ورنہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اب وہ سڑک کے کنارے بھیڑ بھاڑ سے ہوتا ہوا آگے بڑھتا اور سوچتا جا رہا تھا۔
اب وہ اچانک بس سٹاپ پر پہنچ گیا تھا۔ اُس نے کلائی پر بندھی ہوئی گھڑی پر وقت دیکھا۔ شام کے چھ بجنے والے تھے۔ ’’میں سات بجے تک گھر پہنچ جاؤں گا۔ ‘‘ اس نے سامنے سے آتی ہوئی بس کو دیکھتے ہوئے سوچا۔ بس آئی تو وہ اس میں سوار ہوکر ایک خالی سیٹ پر ایک طرح سے جا گرا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’خواہ مخواہ سارا دن بیکار میں ضائع ہو گیا ہے۔ ‘‘ اس نے بس کی کھڑکی سے باہر دیکھا اور آنکھیں بند کر کے غالباً سستانے لگا تھا، لیکن خیالات اور اِن سے پیدا ہونے والے سوالات کی مکھیاں اُس کے ذہین میں پھر بھنبھنانے لگیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’راضی خوشی اپنے مقدر کو قبول کر لو، جیسا بھی ہے، اب ہمیشہ کے لئے ایک سچائی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم اس کا اعتراف کیوں نہیں کر لیتے ہو، اپنی زندگی اب تم کو خود بسر کرنی ہے۔ ‘‘ وہ سوچ رہا تھا۔ ہچکولے کھاتی ہوئی بس، اپنے مقررہ سٹاپوں پر کھڑی ہوتی، کچھ مسافر اترتے اور کچھ نئے اس میں سوار ہوتے، لیکن وہ ان سب سے بے خبر، اپنے ہی پیدا کردہ جبر کے نیچے دبا ہوا تھا۔ اُس کے ذہن میں ایک تلاطم بپا تھا۔ ’’اپنے اندر کے احساس کا گلا گھونٹ دو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ زندہ رہنے، عمل کرنے اور محبت کرنے اور کسی کی طرف سے اپنا لئے جانے کے حق سے انکار کر دو!‘‘ یہ مشورے اُسے کون دے رہا تھا۔ وہ یہ جاننے سے قاصر تھا اور اس کی سوچ کیا واقعی اُس کی اندرونی ذات کے کرب کا نتیجہ اور اظہار تھی! وہ اس معاملہ کو سلجھانا چاہتا تھا لیکن یہ ایک معمہ بنتا جا رہا تھا۔ ’’جب کہیں جانے کا ٹھکانا ہی نہ رہ جائے تو اس کا مطلب کیا ہو تا ہے؟‘‘ وہ ایک بار پھر چونک پڑا۔ ’’اس کا مطلب تو ایک ہی ہو سکتا ہے، ہر شخص کے لئے کہیں بھی جانا نا ممکن ہو، کہیں بھی، کسی بھی جگہ،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں کسی بھی جگہ!، میں بھی تو اب جا ہی رہا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ گھر!، وہ الماری نما بھیانک کمرہ!‘‘ اس نے اپنے اعصاب میں تناؤ محسوس کرتے ہوئے سوچا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’خیال اچھا ہے، گھر!‘‘
اُس نے اپنی ساری قوّت سے خود کو مضبوط کرتے ہوئے پہلو بدلا اور کسی بھیانک اور انجانی مصیبت کا سامنا کرنے کے لئے خود کو تیار کرنے لگا۔ اُسے محسوس ہوا کہ دن بھر کی سوچ بچار اور بھرے بازاروں کی رونق، پارک کا اپنا ہی ماحول اور اُس کی آوارگی میں ’’تلاش کا پہلو‘‘ بھی تو اُس کی تنہائی کا مداوا نہیں کر سکا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’بہار کی چھٹیاں !‘‘ یہ سوچتے ہوئے اُس کے لبوں پر ایک طنزیہ مسکراہٹ اُبھری۔ اپنے بارے میں اُس کا سارا غرور پاش پاش ہو گیا تھا۔ وہ حالات سے خود کو بے خبر رکھنے کی کوشش میں اندھی قسمت کے کسی فیصلے کے مطابق تباہ ہو چکا تھا اور یہ ضروری خیال کرنے لگا تھا کہ اُسے اپنے آپ کو سکون مہیا کرنے کے لئے اب اپنے فیصلے کی ’’نا معقولیّت‘‘ کے سامنے ذلیل و خوار ہونا ہی پڑے گا۔ یہ سوچ کر اُس نے ایک لمبی سانس لی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس کی آنکھیں بھیگ گئی تھیں ’’آخر یہ بھی تو زندگی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پچھتاوا، ایک جھلستا ہوا پچھتاوا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اس نے اپنے آنسو پی لئے۔ پچھتاوے کے اِن آنسوؤں پر اُسے کوئی پچھتاوا نہیں تھا۔
بس ایک جھٹکے کے ساتھ رکی تو ڈرائیور نے ’’آخری سٹاپ‘‘ کا اعلان کیا۔ وہ بھی دوسرے مسافروں کے ساتھ ہی بس سے نیچے اُتر آیا اور گھر کی طرف جانے کی بجائے، ایک بار کی طرف ہو لیا۔
’’ٹھنڈی بیئر کی ایک بوتل۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اُس نے اپنے لبوں پر ذائقہ محسوس کیا۔ ’’آخر گھر کے آدھے راستے ہی پر میں کیوں ٹھہروں ؟‘‘ اس نے سوچا اور پھر بار میں جانے کی بجائے، گھر کی طرف ہو لیا۔ اُسے اپنا یہ انداز بے تکا تو ضرور لیکن احمقانہ نہیں لگا تھا۔ ’’مجھے خود کو یہ قدم اُٹھانے کی اجازت دینے کا کوئی حق نہیں ہونا چاہیے تھا کہ میں زندگی بسر کرنے لگا ہوں۔ ‘‘ وہ سر جھکائے، اب اپنے گھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ چوتھی منزل پر جانے کے لئے سیڑھیاں چڑھ رہا تھا۔
وہ ابھی دروازے سے گھر میں داخل ہو کر اپنے جوتے اتارنے ہی والا تھا کہ دروازے کی گھنٹی بڑے زور سے بجی۔ وہ اچانک چونکا تو ضرور لیکن پھر سنبھلتے ہوئے اُس نے آگے بڑھ کر دروازہ کھول دیا، یہ اس کا اپنا بیٹا تھا جو آگے بڑھ کر اُس کی ٹانگوں سے لپٹ گیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’بابا! تم اکیلے کہاں گھومتے رہتے ہو؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم مجھے ساتھ کیوں نہیں رکھتے ہو؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں کب سے تمھارے انتظار میں تھا۔ ‘‘ اس کا بیٹا ایک طرح سے ٹسوے بہا رہا تھا۔ اُس نے بے ساختگی سے اسے اُٹھا کر اپنے سینے سے لگا لیا۔ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ کھڑی اپنی پڑوسن کو ایک لمحہ کے لئے بھول ہی گیا تھا۔
میں نے آج اِس کی ماں کو اپنے ایک کام کی غرض سے گھر پر بلایا تھا۔ وہ جانے لگی تو یہ ضد کرنے لگا کہ اپنے باپ سے ملے بغیر نہیں جائے گا۔ تم گھر پر نہیں تھے، وہ اِسے میرے پاس چھوڑ گئی۔ ‘‘ پڑوسن طوطے کی طرح بولے جا رہی تھی۔ ’’آج لورا اور پیٹر بھی گھر پر نہیں تھے۔ وہ دونوں اپنے اپنے باپ کے پاس گئے ہوئے ہیں، لیکن اِس نے کچھ تنگ نہیں کیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ٹی وی پر بچوں کے لئے ایک فلم تھی بس وہ دیکھتا رہا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کھانے کے لئے میں نے پوچھا تو کہنے لگا کہ باپ کے ساتھ ہی مل کر کھائے گا۔ ۔ ۔ ۔ اس کی ماں نے کہا تھا وہ کل صبح آ کر اسے لے جائے گی، ہو سکتا ہے اس نے تمھیں فون بھی کیا ہو، لیکن تم تو گھر پر ہی نہیں تھے۔ ‘‘ پڑوسن مسلسل بول رہی تھی۔ وہ اپنے بیٹے کو سینے سے لگائے اس کے گالوں پر بوسے دے رہا تھا جن پر نمکین آنسو بہہ رہے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’بایا! اب اس طرح اکیلے کہیں نہیں جانا۔ ‘‘ بیٹا بھی اس کے گالوں پر بوسے دے رہا تھا ْ ’’اچھا ہوا، میرے ننھے یا ر تم آ گئے،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آؤ، اندر چلتے ہیں، میں تمھارے لئے خود کھانا بناتا ہوں۔ ‘‘ یہ کہتے ہوئے اُس نے پڑوسن کا شکریہ ادا کرنے کے لئے، بیٹے کو نیچے اتارا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن، یہ کیا، وہ تو خدا حافظ کہہ کر جا بھی چکی تھی، اس کا اُسے خیال ہی نہیں رہا تھا۔
٭٭٭

رشتوں کے بندھن

موسم بالکل صاف تھا۔ ساری صبح پھوار سی پڑتی رہی تھی اور اب آسمان کھل گیا تھا اور ہلکی روپہلی دھوپ بھی نکل آئی تھی۔ کام سے چھٹی کی وجہ سے آج وہ گھر پر ہی تھا۔ ناشتہ وہ کر چکا ہوا تھا۔ ’’مجھے یہ قصہ آج ختم کر ہی دینا چاہیے!‘‘ اس نے سوچا۔ ’’مجھے اس روز روز کی چخ چخ کا کوئی نہ کوئی منطقی حل نکالنا ہی ہو گا۔ اس نے اپنا کوٹ لیا اور گھر سے باہر نکل کر اپنے پیچھے دروازہ بند کر دیا۔
’’ہاں یا نہ !‘‘ اس نے سوچا۔ ’’بہنوئی ہوا تو کیا؟ اب تو وہ بہنوئی بھی کاہے کا، جب خود لوگوں کے گھروں میں جا کر کہتا پھرتا ہے کہ اس نے زینب کو طلاق دے دی ہوئی ہے تو پھر اس سے اب میرا رشتہ ہی کیا رہ جاتا ہے، اور زینب۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ بیچاری تو بیٹے اور بیٹی کے ساتھ اکیلی کرائے کے مکان میں رہ رہی ہے، اور یہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مردود۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !‘‘ اُس نے سوچا۔ ’’۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مردود! میں نے اسے مردود کہا؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا۔ ’’ہاں ! وہ مردود ہی تو ہے ! انسان ہوتا تو جہاں لوگوں میں بات پھیلاتا رہتا ہے، زینب کو گھر سے نکال دینے کے بعد اب تک طلاق بھی دے دی ہوتی، ویسے بھی جب جگہ جگہ طلاق کا ذکر کرتا پھرتا ہے تو اسلامی طور پر تو طلاق ہو ہی چکی نا، اب ایک سرکاری کاغذ ہی تو باقی ہے، کر دئیے ہوتے اس پر دستخط، یوں لٹکائے تو نہ رکھتا مردود۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کمینہ!‘‘ آج وہ اپنے اخلاق کی چادر پھاڑ چکا تھا۔ ’’مردود ہی تو ہے، سال بھر سے زینب کو کیسے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے اور بچوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ خود کتنی بے شرمی سے دن رات عیش کر رہا ہے، بے غیرت کو احساس تک نہیں کہ وہ رات دن فیکٹریوں میں کام کر کے، دھکے کھا کھا کر بچوں کو پال رہی ہے۔ پچھلی سردیوں میں اُن کے پاس ڈھنگ کے کپڑے بھی نہیں تھے اور اب سردیاں پھر سر پر ہیں، وہ کیا کریں گے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور یہ بے حیا! کتنی ڈھٹائی سے اپنی دکان چلاتا ہے اور کتنی بے شرمی سے مسجد کمیٹی کا رکن بنا، برادری کے معززین میں اکڑے پھرتا ہے۔ ’’شرافت علی خان! ‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آج تو اُسے فیصلہ کرنا ہی پڑے گا !‘‘ کار چلاتے ہوئے سٹیرنگ پر اسکی گرفت مضبوط ہو گئی تھی۔ ’’کمینے کو جب بھی فون کرو اسے کہیں نہ کہیں جانا ہوتا ہے۔ ‘‘ اس نے کلائی پر بندھی گھڑی پر وقت دیکھا۔ ’’آج تو ابھی گھر پر ہی ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ چھوڑوں گا نہیں، بس ہاں یا نہ! زینب اور اس کے بچوں کا یہ حال اب نہیں دیکھا جا سکتا مجھ سے، اب کیا باقی رہ گیا ہے، میں اب اپنی اور بے عزتی نہیں ہونے دوں گا۔ میری بہن یوں فیکٹریوں میں دھکے کھائے اور لوگ مجھے طعنوں بھری آنکھوں سے گھوریں۔ ‘‘ وہ سوچتا جا رہا تھا۔ کچھ دن پہلے اُسے والد کا خط بھی تو آیا تھا۔ ’’شرافت کو سمجھاؤ!‘‘ ہاں یہی لکھا تھا انہوں نے بھی۔ زینب خود بھی اب اور کہاں تک برداشت کر سکتی ہے۔ ’’اب حد ہو گئی ہے۔ ‘‘
اس نے سڑک کے کنارے شرافت خان کے بنگلے کے سامنے کار پارک کی۔ باہر نکل کر اپنا کوٹ درست کیا اور آگے بڑھ کر دروازے کی گھنٹی بجائی۔ تھوڑے سے وقفے کے بعد دروازہ کھلا۔
’’او حنیف !۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آج تم یہاں کیسے؟‘‘ شرافت خان، دروازہ تھامے ہکا بکا اسے دیکھ رہا تھا۔
’’ہاں، ایک ضروری بات کرنی تھی تم سے، میں نے سوچا تم گھر پر ہی ہو گے، میں چلا آیا۔ ‘‘ وہ اپنے غصے کو چھپاتا ہوا بولا۔ ’’کیا میں اندر آ سکتا ہوں ؟‘‘
’’ کیوں نہیں، آؤ آؤ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تمھارا اپنا ہی تو گھر ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آؤ اندر آؤ!‘‘ اس نے ہاتھ سے اندر کی جانب اشارہ کیا۔
’’ بیٹھو، کیا پیو گے، چائے یا کافی؟‘‘ شرافت نے پوچھا۔ وہ دونوں صوفے پر بیٹھ چکے تھے۔
’’نہیں، کچھ نہیں، رہنے دو‘‘ اس نے ڈرائنگ روم میں ادھر اُدھر دیکھتے ہوئے کہا۔ وہ پہلے بھی کئی بار یہاں آ چکا تھا۔ زینب اس کی خالہ زاد تھی اور شرافت دور کا رشتہ دار۔ ان دونوں کی شادی بھی اسی نے ہی کرائی تھی، کوئی بیس اکیس سال پہلے، لیکن پچھلے ایک سال سے وہ آپس میں الگ ہو گئے تھے۔ منصور اور سیما، دونوں ماں ہی کے پاس تھے۔
’’کیا دیکھ رہے ہو؟‘‘ شرافت بولا۔ وہ دو پیالیوں میں کچن ہی سے کافی بھر لایا تھا۔ ’’ابھی تازہ بنائی تھی۔ ‘‘ وہ پیالیاں میز پر رکھتے ہوئے بولا۔
’’حنیف بھائی، اس طرح کیا دیکھ رہے ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جب سے زینب نے منہ موڑا ہے نا، یہ گھر، گھر نہیں رہا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا حال ہے اُس کا، منصور کیسا ہے؟ شرافت کافی کی چسکیاں لے رہا تھا۔ ’’سیمی تو اب بہت بڑی ہو گئی ہو گی؟‘‘
’’زینب کا کیا حال ہو گا!‘‘ حنیف پہلو بدلتے ہوئے بولا۔ ’’اس کا حال وہی ہے جو ایسی صورت میں کسی بھی بچوں والی اکیلی ماں کاہو سکتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا تمھاری ان دنوں کبھی ان سے ملاقات نہیں ہوئی۔ ‘‘
’’ملاقات کہاں ہو گی، ایک تو رہتی ہی بہت دور ہے اور پھر تمھیں پتہ ہے آج کل کام کا سیزن ہے، اور زینب خود بھی تو نہیں چاہتی کہ میں بچوں سے ملوں۔ مجھ سے تو اسے بیر ہے ہی لیکن بچے تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ آگے بھی کچھ کہنے والا تھا کہ حنیف نے اس کی بات کاٹ دی۔
’’بچے کیا!اس نے تو کبھی پابندی نہیں لگائی کہ تم ان سے نہ ملا کرو، تم فون تو کر سکتے ہو!!‘‘
’’ہاں، تم ٹھیک کہتے ہو لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’لیکن کیا؟‘‘ حنیف ذرا سیدھا ہو کر بیٹھتے ہوئے بولا۔ ’’جب تم نے خود ہی سبھی تعلقات ختم کر دیئے ہیں، ان بچوں کی کفالت بھی نہیں کرتے ہو تو پھر تمہیں بچوں کی کیا فکر! تم نے خود ہی تو کہا تھا نا کہ یہ ڈنمارک ہے، تو اب بھگتو! زینب بھی اب اس ماحول کو شاید سمجھنے لگی ہے اور وہ بچے، وہ تو پیدا ہی یہاں ہوئے ہیں۔ اٹھارہ اٹھارہ، انیس انیس سال کے اب وہ صرف بچے تو نہیں، حالات کو سمجھتے ہیں اور پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ابھی وہ اور کچھ کہنے ہی والا تھا کہ شرافت بول پڑا۔
’’بھئی میری سمجھ سے تو سب کچھ باہر ہے میں نے تو زینب سے کہا تھا کہ وہ چاہے تو سیمی کو بے شک اپنے پاس رکھ لے یا اپنی ماں کے پاس پاکستان بھیج دے، اُس ماحول میں اس کی تربیت بھی ہو جائے گی اور منصور اسے میں اپنے پاس رکھ لیتا ہوں لیکن وہ مانی ہی نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ سب خدا کی طرف سے ہے یار، خدا کے کاموں میں دخل کون دے سکتا ہے، ہم کون ہیں جو خدا کے لکھے کو بدل سکیں !‘‘ وہ بڑی ڈھٹائی کے ساتھ ا پنے کیے کی ذمہ داری خدا پر ڈال رہا تھا۔ ’’ہاں تو کیا بات تھی؟ جو تم کو آج ادھر لے آئی۔ ‘‘ وہ یوں بولا جیسے زینب کے معاملے میں اس کا اپنا کوئی دخل ہی نہیں تھا۔
’’بات تو تمھاری اور زینب ہی کی ہے۔ ‘‘ وہ کافی کی پیالی اپنے سامنے سے پرے ہٹاتے ہوئے بولا۔
’’یہ تو سب خدا کی مرضی ہے یا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’سنو! اس معاملہ میں خدا کو بیچ میں نہ لاؤ، ایک انسان کے طور پر حالات کو سامنے رکھو اور یہ یا، وہ کچھ نہیں، مجھ پر اب اپنے اور زینب کے گھر والوں کی جانب سے بوجھ بہت بڑھ گیا ہے۔ اس معاملہ میں ہو سکتا ہے زینب بھی قصور وار ہو لیکن اصل قصوروار تم ہو، اور اگر آج میرا منہ کھلواتے ہو تو میں صاف کہتا ہوں کہ سارا قصور تمھارا ہی ہے۔ وہ بیچاری تو دیہاتن گائے، تمھارے ہر اشارے پر چلتی رہتی تھی۔ ‘‘
اب وہ سنبھل کر بیٹھ چکا تھا اور شرافت کے چہرے کے اتار چڑھاؤ دیکھ رہا تھا۔ ’’تم نے اسی کے نام سے بنک سے بھاری قرض لے کے پاکستان بھجوایا اور گاؤں میں حویلی بنوائی، یہاں دکان بھی اسی کے نام سے کھولی اور مال و سودا بھی اس کے نام سے کریڈٹ پر لیتے رہے اور یہ بنگلہ جو تم دونوں کے نام پر تھا یہ بھی تم نے اپنے نام کرا لیا اور وہ دوکان بھی،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نے چھوڑا کیا تھا اور وہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ تم سے کچھ بھی تو تقاضا نہیں کرتی تھی، صرف اس نے اپنی بہن کی شادی کیلئے کچھ رقم مانگی تھی نا اور تم نے اس کی دھلائی کر دی اور کچھ بھی احساس کئے بغیر بچوں سمیت گھر سے نکال باہر کیا، اس دن تمھاری حالت دیکھنے والی تھی، غصّہ کیا، اک بھوت نہیں شیطان سوار تھا تم پر! شرافت خان!! میں سب کچھ جانتا ہوں اور تم بھی ہر بات سے آگاہ ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ قصور کس کا ہے؟ چھوڑو، تم یہ بتاؤ کہ جب تم علیحدگی لے چکے ہوئے ہو تو اب طلاق کیوں نہیں دے دیتے، یہ ڈھونگ کیا ہے ؟یکدم حنیف نے محسوس کیا کہ شرافت کے کان پر جیسے کوئی جوں تک نہیں رینگ رہی تھی۔ ’’تم میری بات سن رہے ہو نا۔ ‘‘ وہ تھوڑا زور دیتے ہوئے بولا۔ ’’کیا فیصلہ کیا ہے تم نے؟‘‘ وہ حیران تھا کہ شرافت خاں جو زینب کے معاملے پر اپنے بارے میں ایک لفظ تک سننا گوارا نہیں کیا کرتا تھا آج یوں چپ سادھے کیوں بیٹھا تھا۔ ’’تم کچھ بولتے کیوں نہیں ؟‘‘ وہ صوفے سے اٹھ کر کرسی پہ جا بیٹھا تھا اور اب اس کی نظریں شرافت خان پر لگی ہوئی تھیں۔
’’میں نے کہا نا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کہ میں تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ شرافت نے بولنا شروع کیا۔ ’’تم آج بڑے جذباتی ہو رہے ہو، لیکن اگر تم سننا ہی چاہتے ہو تو جیسے میں نے تمھاری بات آرام سے سنی ہے تم بھی سنو، تم نے تو بڑی آسانی سے سارے الزامات میرے سر رکھ دیئے۔ میں مانتا ہوں کہ میں نے زینب کے نام پر کاروبار شروع کیا، قرض لیا، مکان بنایا، تم جانتے ہو کہ میں نے یہ سب کچھ کیوں کیا!میں نے یہ سب کچھ اپنے بال بچوں ہی کے لئے تو کیا۔ باقی رہی زینب کی بات تو کیا اس کے پاس وہ سب کچھ نہیں جو وہ چاہتی تھی !‘‘
’’وہ کیا چاہتی تھی؟ فیکٹریوں میں دھکے کھانا، برادری کی عورتوں کے طعنے سننا اور تو اور مرد بھی اس کے بارے میں اب باتیں کرنے لگے ہیں اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ آگے کچھ کہتے کہتے رک گیا تھا۔
’’دیکھا نا تم پھر تاؤ کھانے لگے۔ بھئی ہم گھر پر بیٹھے ہوئے ہیں آرام سے بھی بات ہو سکتی ہے۔ شرافت خان اب صوفے پر چوکڑی مار کر بیٹھ گیا تھا۔ ’’ہاں تو میں کہہ رہا تھا۔ ‘‘ اس نے پھر بولنا شروع کیا۔
’’بات دراصل یوں تھی کہ معاملہ زینب کی بہن کی شادی کیلئے پیسوں کا نہیں تھا وہ تو ایک معمولی بات تھی جسے اس نے طوفان بنا دیا تھا۔ دراصل وہ منصور کی منگنی اپنی بڑی بہن کی بیٹی وہ کیا نام ہے اس کا ؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ رضو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں رضو سے کرنا چاہتی تھی۔ تم نے تو دیکھا ہوا ہے نا اسے!۔ میں نے اسے سمجھایا کہ وقت آئے گا تو دیکھا جائے گا۔ لیکن وہ مانتی ہی نہیں تھی۔ میں تم سے چھپاؤں گا کچھ نہیں۔ میرا ارادہ تھا کہ منصور کی شادی اس کے تایا کی بیٹی زہرہ سے ہو، ابھی پچھلے سال ہی وہ کالج میں گئی ہے اور منصور کی ہم عمر بھی ہے۔ پچھلے سال جب میں پاکستان گیا تھا تو بھائی صاحب اور بھابھی جی کو زبان بھی دے آیا تھا۔ زینب کو میں نے بہت سمجھایا کہ منصور ہمارا ایک ہی تو بیٹا ہے۔ اس سے ہمارے خاندان کا نام چلنا ہے۔ بیٹی تو پرائی ہوتی ہے۔ ہم ایسا کرتے ہیں کہ منصور کی منگنی زہرہ سے کر دیتے ہیں اور جب وقت آئے گا تو سیمی کی منگنی اس کی پھوپھی کے بیٹے اعجاز سے کر دیں گے۔ اس طرح خاندانی رشتے اور بھی مضبوط ہو جائیں گے اور پھر جو کچھ ہم نے یہاں رہ کر پاکستان میں بنایا ہے اور جو تھوڑی بہت موروثی زمین اور خاندانی جائیداد ہے وہ بھی ان بچوں ہی کے پاس رہے گی، لیکن زینب تو اس سلسلے میں بات بھی سننا گوارا نہیں کرتی تھی۔ اس پر تو بس اپنی بڑی بہن اور اس کی بیٹی کا بھوت سوار تھا۔ حنیف صاحب! دوش میرا نہیں !! چھوٹی بہن کی شادی کے لئے پیسوں کا تو محض اک بہانہ تھا، بہانہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حنیف میاں ! زینب تو اپنی بات منوانے کے لئے اس حد تک آگے نکل گئی تھی کہ وہ مجھے بھی میری حدود اور حقوق جتانے لگی تھی۔ دراصل اس کے اردگرد والیوں نے پتہ نہیں اس کے کانوں میں کیا کیا بھر دیا ہوا تھا۔ مجھے ڈینش قانون بتانے لگی تھی۔ ہر چیز سے بے دخل کر دینے کی دھمکیاں دینے لگی تھی۔ بچوں کے سامنے ناشتے کی میز پر، رات کے کھانے پر مجھے طعنے دیتے رہنا تو اُس کا وطیرہ بن چکا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم اور کافی پیو گے؟‘‘ اس نے حنیف سے پوچھا اور پھر جواب کا انتظار کئے بغیر میز پر سے دونوں خالی پیالیاں اُٹھا کر کچن کی طرف چل دیا۔
’’یہ آج میں کیا سن رہا ہوں ؟‘‘ حنیف نے اسے کچن کی طرف جاتے ہوئے دیکھ کر اپنے ذہن میں سوچا۔ ’’زینب نے تو خود منصور کیلئے مجھ سے حمیرا کے رشتے کیلئے زور دے دے کر ہاں کہلوائی تھی۔ ‘‘ وہ سوچ رہا تھا۔ ’’بھائی صاحب، حمیرا اور منصور، دونوں ڈنمارک کی ہی پیدائش ہیں، بچپن سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور سب سے بڑھ کر یہاں کے ماحول کو سمجھتے ہیں یہیں پڑھ رہے ہیں، ان کو مستقبل میں اپنی ازدواجی زندگی میں ایک دوسرے کو سمجھنے کا تو کوئی مسئلہ ہی نہیں ہو گا، ہاں یہی تو کہا تھا اس نے اور حمیرا کی ماں سے اس کی ایک تصویر بھی لے گئی تھی۔ ‘‘ اس کی سوچ کی ڈوری الجھنے لگی تھی۔ ’’نہیں یہ نہیں ہو سکتا، یہ ضرور اس کی کوئی نئی چال ہے مجھے زینب سے بد ظن کرنے کے لئے ضرور یہ کوئی پانسہ پلٹنا چاہتا ہے۔ زینب ایسا کیوں کرے گی ! حمیرا کی ماں کو تو اس نے یہ بھی بتا یا تھا کہ اس نے خود منصور کے کہنے پر ہی حمیرا کے رشتے کے لئے ہاتھ پھیلا یا تھا۔ اور پھر اب حمیرا اور منصور بھی تو ایک دوسرے کو ملتے جلتے رہتے ہیں ابھی پچھلے دنوں ہی تو وہ ویک اینڈ کیلئے ہمارے ہاں ٹھہرا ہوا تھا اور حمیرا کے کالج کے کام میں اس کی مدد کرتا رہا تھا۔ ‘‘ وہ ابھی آگے کچھ سوچنے ہی والا تھا کہ کچن میں کسی چیز کے چھناکے سے گرنے کی آواز آئی اور اس کے خیالات کا تسلسل ٹوٹ گیا۔ ’’کیا ہوا؟‘‘ وہ بے اختیار بول پڑا۔ ‘‘
’’کچھ نہیں یار، بس ایک پیالی گر کر ٹوٹ گئی ہے، تھوڑی سی دیر اور لگے گی دراصل میں تازہ کافی بنا رہا ہوں، تمھیں جلدی تو نہیں نا، بس چند ایک منٹ اور لگیں گے۔ ‘‘ شرافت نے وہیں کچن ہی سے جواب دیا۔
حنیف ایک بار پھر اپنے خیالوں میں الجھ گیا تھا۔ ’’زینب تو کہہ رہی تھی کہ وہ منصور کی شادی میں دیر نہیں کرنا چاہتی اور اس کے کالج سے فارغ ہوتے ہی اپنے اس فرض کو پورا کر دینا چاہتی ہے۔ اسی لئے تو وہ بھی شرافت سے اپنے معاملے کو جلد از جلد ختم کر دینا چاہتی تھی اور وہ خود بھی اسی سلسلے میں آج شرافت کے ہاں آیا تھا۔ ہاں یا نہ!‘‘
’’کیا سوچ رہے ہو؟ ‘‘ شرافت نے کافی کی پیالیاں میز پر رکھتے ہوئے پوچھا۔
’’یہی کہ اب تمھارا کیا ارادہ ہے؟ زینب کے معاملہ میں، کب تک اسے لٹکائے رکھنا چاہتے ہو؟ میں تم سے یہی سننے آیا ہوں۔ مجھے ہاں یا نہ میں دو ٹوک جواب چاہیے۔ ‘‘حنیف نے کافی کی پیالی اٹھاتے ہوئے کہا۔
’’حنیف میاں ! یہ معاملات جلد بازی میں طے نہیں کئے جا سکتے۔ میں نے زینب کو بہت ڈھیل دی ہے کہ وہ سنبھل جائے۔ میرے ساتھ وہ نہیں رہنا چاہتی نہ رہے لیکن بچوں کے معاملات میں میری ذمہ داریوں اور میرے حقوق کا تو لحاظ رکھے لیکن اس کے کان پر تو جوں تک نہیں رینگتی۔ میں تمھیں بتاؤں کوئی مہینہ ڈیڑھ مہینہ پہلے کی بات ہے میں کچھ خریدنے کیلئے ’’بلکا‘‘ گیا تھا وہاں میں نے زینب اور بچوں کو دیکھا، میرا خیال ہے منصور نے بھی مجھے دیکھ لیا تھا اور ملنے کے لئے میری جانب بڑھ ہی رہا تھا کہ زینب نے اسے پیچھے سے کھینچ لیا۔ خیر میں نے آگے بڑھ کر منصور اور سیمی کو بازوؤں میں لینا چاہا تو اس نے مجھے بھی ایک طرف دھکیل دیا۔ اور مجھے ڈانٹے لگی۔ میں نے آنکھ بچا کر سیمی کو پانچ سو کرونر کا نوٹ تھمانا چاہا تو اس نے میرا ہاتھ جھٹک دیا۔ زینب بک بک کر رہی تھی اور منصور سر جھکائے چپ چاپ کھڑا تھا۔ میراجی تو چاہا کہ زینب کو دو ہاتھ دکھا دوں لیکن میں بچوں کی وجہ سے خاموش رہا اور وہ ان کو لے کر چلی گئی۔ حنیف یار! اب تم ذرا اپنے آپ کو اس صورتِ حال میں ڈال کر دیکھو تمھیں معلوم ہو جائے گا کہ مجھ پر کیا بیت رہی ہے!‘‘اس نے کافی کا گھونٹ لیا اور پھر حنیف کی جانب دیکھنے لگا۔
’’شرافت میاں !تم جو کچھ کہہ رہے ہو، میں خوب سمجھتا ہوں۔ جو کچھ ہوا اس کے ذمہ دار تم ہی ہو لیکن اس سارے معاملہ میں جس طرح میں پس رہا ہوں اس کا تمہیں احساس تک نہیں۔ پاکستان سے گھر والوں کا دباؤ اور یہاں تمھاری مسجد کمیٹی والے اور برادری کے لوگ جو باتیں کرتے ہیں، میں یہ اب برداشت نہیں کر سکتا۔ میں صرف یہ جاننا چاہتا ہوں کی اب تمھارا فیصلہ کیا ہے؟ طلاق دیتے ہو یا نہیں ؟‘‘ اس نے اپنے سامنے میز پر پڑی کافی کی پیالی پرے سرکا دی تھی اور اب وہ شرافت کو یوں دیکھ رہا تھا جیسے اس کے منہ سے صرف ’’ہاں یا نہ‘‘ میں سے ایک لفظ سننا چاہتا ہو اور بس!
’’تم نے تو بڑی آسانی سے کہہ دیا، طلاق! ہاں ! ہاں یا نہیں !! تم مجھ سے فیصلہ چاہتے ہو، مجھ سے! جس کی توہین کی جا رہی ہے جسے گھر گھر جا کر بدنام کیا جا رہا ہے کہ میں نے زینب پر ظلم کیا ہے۔ ‘‘ شرافت خان بڑے نرم لہجے میں بول رہا تھا لیکن اس کے چہرے کے اتار چڑھاؤ اس کے اندر کے غصے کی عکاسی کر رہے تھے۔ ’’تم شاید نہیں جانتے ہو کہ میں نے معاملے کو ختم کرنے کے لئے کیا کیا جتن کئے ہیں۔ میں نے زینب کے آگے ہاتھ جوڑے ہیں کہ اب ایک دوسرے کو برا بھلا نہ کہیں جو ہو گیا سو ہو گیا۔ اگر وہ واپس نہیں آنا چاہتی نہ آئے۔ جو کچھ وہ مجھ سے، اس گھر سے لینا چاہتی ہے لے لے بس منصور کو میرے پاس رہنے دے۔ میں تو سب کچھ اس کے حوالے کرنے کو تیار ہوں۔ سیمی کو وہ اپنے پاس رکھے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ حنیف میاں ! میں تو سب کچھ اس کے حوالے کرنے کو تیار ہوں۔ وہ الگ رہنا چاہتی ہے شوق سے رہے۔ تمھیں مجھ سے نہیں زینب سے بات کرنی چاہیے۔ اسے اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ کر سوچنا چاہیے۔ میں منصور کو ہر صورت میں اپنے ساتھ رکھنا چاہتا ہوں اور اس کی شادی بھی وہیں ہو گی جہاں میں چاہوں گا۔ زینب کو اپنے فیصلہ کی کوئی تو قربانی دینی ہی پڑے گے۔ وہ جو چا ہے مجھ سے مانگ لے، لے جائے سب کچھ جو بھی اس گھر میں ہے لیکن منصور کو تو میرے پاس رہنے دے۔ میری اتنی سی بات بھی وہ ماننے پر تیار نہیں۔ حنیف میاں !میں جانتا ہوں منصور مجھ سے کتنا پیار کرتا ہے۔ میں اس کے لئے سب کچھ کر سکتا ہوں۔ ‘‘ اس نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے حنیف کی جانب دیکھا جو اپنے ہی خیالوں میں تھا۔ ’’مجھے امید ہے تم معاملے کو سمجھ گئے ہو گے! کیا سوچ رہے ہو؟ شرافت نے پوچھا۔
’’میں سوچ رہا ہوں کہ تم اس بات کو اتنا ضروری کیوں قرار دیتے ہو کہ منصور تمھارے ہی پاس رہے۔ تم خوب جانتے ہو کہ زینب ایسا کبھی نہیں چاہے گی، تم اس کی ممتا کی اس کمزوری کا ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہو۔ ‘‘حنیف کا لہجہ نرم پڑچکا تھا۔ ’’تمہیں ان کی صورت حال سے کوئی غرض نہیں۔ تم اچھی طرح جانتے ہو کہ زینب تم سے کچھ بھی نہیں مانگے گی۔ وہ تو صاف کہتی ہے کہ اسے تم سے کچھ بھی نہیں چاہیے۔ وہ تم سے مانگنے کی ہمت ہی نہیں رکھتی۔ مکان، کار، دکان سبھی کچھ تو اب تمھارے ہی نام ہے، اور یہ تم خوب جانتے ہو۔ سرکاری طور پر تو وہ اب کچھ بھی مطالبہ نہیں کر سکتی۔ وہ تو صرف اس اذیت سے باہر نکلنا چاہتی ہے جس میں وہ مبتلا ہے اور یہ صرف تمھاری طرف سے طلاق دے دینے سے ہی ممکن ہو سکتی ہے۔ فیصلہ تمھیں کرنا ہے! تمہیں !! حنیف اپنی بات کہہ چکا تھا۔
’’نہیں، بالکل نہیں۔ ذرا بھی نہیں !‘‘ شرافت خان بھی اسی ہی کے لہجے میں زور دیتے ہوئے بولا۔ ’’فیصلہ مجھے نہیں زینب کو کرنا ہے اور تم اس کی جس اذیت ناک صورت حال کو بار بار جتا رہے ہو میں جانتا ہوں کہ اس سے کسی کا بھی فائدہ نہیں۔ میں تو صرف ایک بات کہتا ہوں، تم چاہو تو ان کی صورت حال کو بدل سکتے اور بہتر بنا سکتے ہو اور مجھے بھی اس سے چھٹکارا دلا سکتے ہو اور اس میں تمھارا کوئی نقصان بھی نہیں۔ میں زینب کو طلاق دے دوں گا وہ منصور کو میرے ساتھ رہنے دے۔ چلو مجھے ان دونوں ماں بیٹے کے آپس میں ملنے جلنے پر بھی اعتراض نہیں ہو گا اور یہ بات میں لکھ کر دینے کو بھی تیار ہوں۔ اور کیا چاہیے اسے؟‘‘ شرافت خاں نے ہاتھ بڑھا کر حنیف کی پیالی اس کے آگے سرکا دی تھی۔ ’’تم کافی تو پیو، یہ ٹھنڈی ہو رہی ہے۔ ‘‘
’’میں تم سے جو کہنے آیا تھا وہ کہہ چکا اب اگر تم نے ایک آدھ دن میں فیصلہ نہ کیا تو میں زینب سے یہی کہوں گا کہ پاکستان چلی جائے اور وہاں سے خود تمھیں طلاق بھجوا دے۔ وہاں تو یہ معاملہ ایک ہفتے میں طے ہو جائے گا۔ تم نہیں جانتے کہ گھر سے میاں جی مجھ پر کتنا دباؤ ڈال رہے ہیں انہوں نے ہی اب کہا ہے کہ زینب پاکستان آ جائے طلاق کا فیصلہ عدالت سے وہ خود کرا دیں گے۔ اب سوچ لو! فیصلہ تمھیں ہی کرنا ہے!!‘‘ اس نے اتنا کہا اور اُٹھ کر کھڑا ہو گیا۔ ’’میں اب چلتا ہوں۔ میری مانو تو وکیل سے مل کر معاملہ ڈنمارک ہی میں طے کر لو اور اسے طلاق دے دو اب نہ وہ تمھارے پاس آئے گی اور نہ ہی منصور یا سیمی۔ وہ دونوں جوان ہیں۔ ان پر دباؤ نہ ڈالو، ایسا نہ ہو کہ ان کے دل میں جو تھوڑی بہت تمھاری عزت ہے وہ بھی جاتی رہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ شرافت میاں، یہ ڈنمارک ہے دونوں بچے بالغ ہیں۔ وہ جو چاہیں کر سکتے ہیں۔ تمہیں شکر کرنا چاہیے کہ زینب نے انہیں اپنے ماحول میں رکھا ہوا ہے ورنہ تم بھی جانتے ہو کہ اس مادر پدر آزاد ماحول میں کیا نہیں ہوتا۔ ایشیائی طلاق یافتہ گھرانوں کے لڑکے لڑکیاں کیا کیا گل کھلا رہے ہیں۔ ‘‘ اس نے اپنا کوٹ اُٹھایا اور اس سے پہلے کہ وہ جانے کے لئے دروازے کی جانب بڑھتا، شرافت خان بھی صوفے سے اُٹھ کھڑا ہوا تھا اور کچھ کہے بغیر حنیف کے چہرے پر نظریں جمائے دیکھ رہا تھا۔
’’اچھا اب میں چلتا ہوں، تم سوچنا اب اور دیر نہیں ہونی چاہیے۔ ‘‘ حنیف یہ کہتا ہوا اب دروازے کے قریب پہنچ چکا تھا۔ شرافت خان آگے بڑھ کر ابھی دروازہ کھولنے ہی والا تھا کہ شاید اسے کچھ یاد آ گیا تھا۔ ’’تمھیں پتہ ہے کل منصور کے امتحان کا نتیجہ نکلنے والا ہے؟ میں نے اس سے بہت پہلے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ اچھے نمبروں پر پاس ہوا تو اس کو کار لے کر دوں گا،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن اب۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب تو شاید۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اس کی آواز کپکپانے لگی تھی اور اس نے دروازہ کھول دیا تھا۔ حنیف نے ایک لمحے بھر کے لئے اسے دیکھا اور پھر چپکے سے باہر نکل گیا۔
شرافت خان نے دروازہ بند کیا اور واپس صوفے پر بیٹھ کر اپنی بچی کھچی ٹھنڈی کافی کی چسکیاں لینے لگا۔ ’’خنزیر نے سارا دن ہی خراب کر دیا، نجانے صبح ہی صبح کدھر سے آ نکلا منحوس!، گیدڑ کی اودلاد!!، اسے گھر کے باہر کسی کار کے سٹارٹ کئے جانے کی ہلکی سی آواز سنائی دی۔
’’منصور کو کار خرید کر دے گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مردود!‘‘ حنیف خان کار کا رخ موڑتے ہوئے بڑبڑایا۔ ’’اسے منصور کے کالج کے نتیجے کا پتہ ہے کہ کل نکل رہا ہے اور یہ نہیں جانتا کہ اس کی ماں کس عذاب میں مبتلا ہے۔ ‘‘سٹیرنگ پر اس کی گرفت مضبوط ہو گئی تھی۔ ’’اب تو اس معاملے کو میں ختم کرا کے ہی دم لوں گا۔ ‘‘ اس نے کار کی رفتار تیز کر دی تھی اور جلدی سے گھر پہنچنا چاہتا تھا۔ ’’کل منصور کا نتیجہ نکلے گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ زیر لب مسکرایا۔ ۔ ۔ ۔ ’’۔ لیکن یہ بات مجھے پہلے معلوم کیوں نہ تھی؟‘‘ اس نے اپنے آپ سے سوال کیا۔ ’’حمیرا یا اس کی ماں نے بھی کوئی ذکر نہیں کیا اور ابھی تو پرسوں ترسوں ہی زینب بھی ہمارے ہاں آئی ہوئی تھی اس نے بھی تو کچھ نہیں بتایا تھا۔ شاید بیچاری بھول گئی ہو۔ اس کے اپنے غم کیا کم ہیں۔ ہو سکتا ہے وہ حمیرا کی ماں کو بتا گئی ہو اور وہ مجھے بتانا بھول گئی ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن وہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔، وہ منصور بھی تو ایک دو ہفتوں سے نظر نہیں آیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خیر اب کہاں جائے گا حمیرا کا امتحان اگلے سال ہو جائے گا اور پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ اپنے ہی خیالات میں گم گاڑی چلاتے ہوئے یہ بھی بھول گیا تھا کہ اسے گھر جانے کیلئے کس موڑ سے مڑنا تھا۔ اس نے ایک لمبا چکر کاٹ کر گاڑی کو اپنے گھر جانے والی سڑک پر ڈال دیا تھا۔ منگنی تو ہو ہی چکی ہوئی ہے اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حمیرا کی ماں شاید ٹھیک ہی کہتی ہے کہ حمیرا کے امتحان کا انتظار کئے بغیر منصور اور اس کی شادی کر دینی چاہیے۔ یہ اچھا خیال ہے۔ شرافت خان کو اپنی کرتوتوں کے لئے اور وقت بھی نہیں ملے گا اور منصور چاہے گا تو اپنی پڑھائی بھی جاری رکھ سکے گا اور حمیرا بھی اپنا امتحان دے دے گی۔ ڈنمارک میں ایسا تو ہوتا ہی ہے لڑکے لڑکیاں شادی کر کے بھی اپنی اپنی پڑھائی جاری رکھتے ہیں اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور بیشتر تو بن بیا ہے والدین ہوتے ہیں۔ پوچھو کہ کیا کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ یونیورسٹی میں پڑھتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بن بیا ہے والدین! یونیورسٹی میں پڑھنے والے سٹوڈنٹ! ‘‘ وہ آپ ہی آپ مسکرایا اور بڑے زور سے گاڑی کی بریک لگا دی۔ وہ اپنے گھر کے سامنے تھا۔ گاڑی کو گیراج میں بند کر کے اس نے اپنا کوٹ لیا اور اسے اچھالتا، لمبے لمبے ڈگ بھرتا ہوا ڈرائنگ روم میں جا داخل ہوا۔
’’بھئی کوئی ہے؟‘‘ اس نے آواز لگائی۔ وہ حیران تھا کہ ڈرائنگ روم میں کوئی موجود نہیں تھا۔ ’’حمیرا کی ماں، بھئی کہاں ہو ؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نکل آؤ پردے سے کوئی غیر نہیں یہ میں ہوں،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں !‘‘ وہ شاید اب شوخی پر اترا ہوا تھا۔
’’کیا شور مچا رہے ہیں آپ؟‘‘ اسے اپنے پیچھے سے آواز سنائی دی۔ ’’ارے تم یہاں صوفے پر لیٹی ہو اور میں آوازیں دے رہا ہوں۔ ‘‘ وہ بولا اور آگے بڑھ کر حمیرا کی ماں کے پہلو میں بیٹھ گیا۔
’’کیا بات ہے سائرہ تمھاری طبیعت تو ٹھیک ہے نا؟‘‘ اس نے سائرہ کے ماتھے کو چھوتے ہوئے پوچھا۔ ’’حمیرا نہیں آئی کالج سے کیا؟‘‘ وہ بولے جا رہا تھا۔ ’’تمھیں پتہ ہے کل منصور کا نتیجہ نکلنے والا ہے۔ ‘‘ وہ کار کی کنجی ہاتھوں میں اچھالتے ہوئے بولا۔
’’ہاں ہاں، مجھے پتہ ہے!‘‘ سائرہ بولی اور اُٹھ کر بیٹھ گئی۔ اس کے بال بے ترتیبی سے کھلے ہوئے تھے اورچہرے سے تھکاوٹ ظاہر ہو رہی تھی۔
’’تمھیں اگر پتہ تھا تو مجھے کیوں نہیں بتایا تھا؟‘‘ اس کے لہجے میں حیرانگی کا عنصر تھا۔
’’مجھے بھی آج ہی پتہ چلا ہے۔ زینب آئی تھی آج اس نے بتایا تھا۔ لیکن آپ کہاں چلے گئے تھے بن بتائے صبح سویرے ؟‘‘
’’زینب آئی تھی! خیر تو تھی؟‘‘ میں آج ذرا شرافت کی خبر لینے گیا تھا۔ جب تم حمیرا کو کالج چھوڑنے گئیں تو میں نے سوچا کیوں نہ آج اس سے بات کروں۔ ابھی وہیں سے آیا ہوں۔ کیا کہہ رہی تھی زینب؟وہ تو آج خوش ہو گی کہ کل منصور نتیجہ نکلنے والا ہے۔ ‘‘ وہ بولے جا رہا تھا۔ ’’یہ تم چپ چپ سی کیوں ہو؟‘‘
’’منصور پچھلے تین دنوں سے گھر نہیں آیا، دوستوں کے ساتھ پولینڈ میں کہیں ہے اور وہیں سے کل صبح کالج پہنچے گا اپنا نتیجہ سننے اور ٹوپی لینے۔ ‘‘ سائرہ اتنا کہہ کر خاموش ہو گئی تھی اور اس کی آنکھیں بھیگ گئی تھیں۔
’’تو اس میں فکر کی کیا بات ہے؟ کالج کے آخری دنوں میں نتیجوں کے موقعوں پر ایسا ہی ہوتا ہے۔ آ جائے گا وہ بھی۔ ‘‘ وہ بولا۔
’’زینب بڑی پریشان تھی، کہہ رہی تھی کہ منصور نے کل شام جب گھر فون کیا تھا تو وہ اپنے آپ میں میں نہیں لگتا تھا۔ بہکا بہکا سا تھا اور باتیں بھی اکھڑی اکھڑی سی کر رہا تھا۔ جیسے خدانخواستہ اس نے کوئی نشہ کر رکھا تھا۔ وہ پریشان تھی کہ کل نتیجے کے وقت وہ پہنچ بھی پائے گا یا نہیں۔ ‘‘

’’ارے اس عمر میں اور ایسے موقعوں پریہ کالجی لڑکے ذرا شوخ ہو جاتے ہیں۔ گھبرایا نہیں کرتے۔ وہ کل صبح دس بجے تک پہنچ جائے گا۔ پولینڈ سے پہلی گاڑی آٹھ ساڑھے آٹھ بجے کوپن ہیگن پہنچتی ہے۔ تقریب کا وقت تو ساڑھے دس بجے ہے نا؟ وہ پہنچ جائے گا! میں زینب کو فون کر دیتا ہوں۔ کل ہم بھی تقریب میں چلیں گے۔ ‘‘ وہ سائرہ کو دیکھتے ہوئے بولا۔ ’’تم اتنی اداس سی کیوں ہوں ؟‘‘
’’اداس میں نہیں دراصل مجھے زینب کا بڑا احساس ہے۔ ‘‘ سائرہ اپنی آنکھیں پونچھتی ہوئی بولی۔ ’’وہ بیچاری پہلے ہی سے بہت دکھی ہے اور اب۔ ۔ ۔ ۔ ۔ .یہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ کچھ کہتے ہوئے رک گئی تھی۔
’’تم کہنا کہا چاہتی ہو، کیا زینب نے کچھ کہا ہے؟ حمیرا کہاں ہے، کالج سے نہیں آئی ابھی کیا؟‘‘ وہ گھڑی پر وقت دیکھتے ہوئے بولا۔
’’زینب کہہ رہی تھی کہ اگر اس کی طلاق کا معاملہ طے ہو چکا ہوتا تو وہ اب جب منصور کا نتیجہ کل نکلنے والا ہے وہ ایک آدھ مہینے میں اس کی شادی بھی کر دیتی اب نہ جانے اور کتنا انتظار کرنا پڑے گا اُسے۔ آپ گئے تھے شرافت کے پاس کیا کہا اس نے؟‘‘
’’وہ کمینہ تو منصور کے لئے زور دے رہا تھا۔ اسے اپنے پاس رکھنا چاہتا ہے اور اپنی بھتیجی زہرا سے اس کی شادی کرنا چاہتا ہے۔ وہ کہتا ہے زینب یہ مان لے تو وہ فوراً طلاق دے دے گا۔ ذلیل کا لمبا منصوبہ ہے، لیکن میں نے اسے کہہ دیا ہے کہ زینب اب پاکستان جا رہی ہے اور پاکستان جاتے ہی اسے طلاق دے دے گی۔ اس کا رنگ اُڑ گیا تھا یہ سن کر۔ ‘‘ حنیف، سائرہ کا ہاتھ تھامتے ہوئے بولا۔ ’’تم دیکھنا اب راہ پر آئے گا! یہ بھی اچھا ہے کہ منصور اور حمیرا کی منگنی کا اس کو کچھ بھی پتا نہیں۔ ‘‘
’’زینب خود بھی یہی کہہ رہی تھی کہ وہ پاکستان جا کر وہاں سے شرافت کو طلاق بھجوا دے گی، لیکن وہ منصور کے بارے میں قدرے فکر مند تھی۔ اس کا خیال ہے کہ وہ پولینڈ میں نہیں، یہیں کہیں کوپن ہیگن میں ہے۔ ‘‘
’’پولینڈ میں ہے یا کوپن ہیگن میں، اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ تم بھی گھبرا گئی ہو، ارے میں نے کہا نا ایسے موقعوں پر یہ کالجی لڑکے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ابھی اُس نے اتنا ہی کہا تھا کہ اسے دروازے سے حمیرا کمرے میں داخل ہوتی دکھائی دی۔ ’’آؤ، آؤ! حمیرا بیٹی ہم تمھاری ہی باتیں کر رہے تھے آؤ امّی کے پاس آؤ اسے سر میں کچھ درد سا ہے۔ ‘‘ وہ صوفے سے اُٹھ کھڑا ہوا تھا۔ ’’اسے منصور کے پولینڈ میں ہونے بارے نہ بتانا!‘‘ اس نے سائرہ کے کان میں سرگوشی کی۔ حمیرا نے آگے بڑھ کر ماں باپ کو سلام کیا اور سیدھی اپنے کمرے کی جانب چل دی۔
’’لو بھئی اب حمیرا آ گئی ہے، میں ذرا شہر ہو آؤں۔ تم اُٹھو اور نہا لو، تازہ ہو جاؤ گی۔ فکر نہ کرنا۔ کل منصور کی تقریب میں چلیں گے اور ہاں میں واپس آتا ہوں تو زینب کو فون کریں گے۔ حمیرا کو بھی کہنا کہ وہ بھی تیاری رکھے۔ ‘‘ اس نے اپنا کوٹ اُٹھایا اور دروازے کی جانب چل دیا۔
’’حمیرا کپڑے بدل کر آئی تو سائرہ ابھی تک صوفے پر ہی بیٹھی تھی۔ حمیرا بھی اس کے پہلو ہی میں بیٹھ گئی۔
’’امی، ابو کہاں چلے گئے؟ آپ صبح تو ٹھیک تھیں یہ اچانک کیا ہو گیا؟‘‘ اس نے امی کے گلے میں بانہیں ڈالتے ہوئے پوچھا۔
’’کچھ نہیں بیٹی! بس یوں ہی سستی سی ہے۔ تمھارے ابو شہر گئے ہیں۔ سائرہ اپنے آپ کو سنبھالتے ہوئے بولی۔ حمیرا تمھیں پتہ ہے نا کل منصور کا نتیجہ نکلنے والا ہے؟ اس نے پوچھا۔
’’ہاں امی! میں نے آپ کو بتایا نہیں۔ میں اس کے لئے کوئی اچھا سا تحفہ لینا چاہتی ہوں لیکن وہ تو نہ فون پر ملتا ہے اور نہ ویسے ہی۔ کالج سے فارغ ہو کر بس دوستوں کا ہو کر رہ گیا ہے۔ میں نے کل فون کیا تو آنٹی نے بتایا کہ وہ کہیں دوستوں کے ساتھ نکلا ہوا ہے اور آج بھی میں نے اسے رستے میں اسٹیشن سے فون کیا لیکن گھر پر کوئی تھا ہی نہیں۔ اور تو اور پچھلے چند ایک دنوں سے تو سیمی بھی گھر پر نہیں ملتی۔ امی میں چاہتی تھی کہ منصور کی پسند کی کوئی خاص چیز اسے تحفہ دوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ حمیرا نے اپنی بات ادھوری چھوڑ دی۔ وہ بہت اداس دکھائی دیتی تھی۔
وہ دونوں ماں بیٹی پہلے تو کچھ دیر خاموش ایک دوسری کے پہلو میں بیٹھی رہیں پھر سائرہ نے حمیرا کو تسلی دیتے ہوئے، زینب کے آنے کا بتایا اور یہ بھی کہ اسے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ منصور اپنے ساتھیوں کے ساتھ ’’یولینڈ‘‘ میں ہے اور کل صبح کی پہلی گاڑی سے پہنچ رہا ہے اور ہو سکتا ہے کہ آج شام ہی آ جائے۔ سائرہ نے اپنی پریشانی کو چھپاتے ہوئے حمیرا کو تسلی دی۔ ’’تمھارے ابو تو گئے شہر، اب مجھے بتاؤ کہ تم منصور کے لئے کیا تحفہ خریدنا چاہتی ہو؟ چلو ہم دونوں بازار چلتی ہیں، تم اٹھو اور تیار ہو جاؤ۔ میں بھی منہ ہاتھ دھو لیتی ہوں۔ اٹھو!‘‘ حمیرا کچھ کہے بغیر اٹھی اور اپنے کمرے کی طرف چل دی۔ سائرہ بھی صوفے سے اٹھ کر باتھ روم کی طرف چل دی تھی۔
شاپنگ سنٹر میں مختلف دکانوں پر گھومتے، حمیر ا کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ منصور کے لئے خریدے تو کیا، اس کی ماں نے ایک دو چیزوں کے نام تو لئے لیکن حمیرا کو وہ پسند نہیں تھیں۔ آخر حمیرا نے ایک گھڑی پسند کی۔ قیمت بہت زیادہ ہونے کے باوجود سائرہ نے وہ گھڑی خرید کر ایک خوبصورت ’’گفٹ پیکٹ‘‘ میں پیک کرائی اور حمیرا کے حوالے کر دی۔ ’’تمھارے اور منصور کے لئے تو میں کچھ بھی خرید کر دینے کو تیار ہوں۔ ‘‘ دوکان سے باہر نکلتے ہوئے وہ بولی۔ حمیرا نے ماں کو بازوؤں میں لیتے ہوئے اس کی پیشانی پر ایک بڑا جذباتی بوسہ دیا ’’شکریہ امی آپ کتنی اچھی ہیں !‘‘ وہ بولی۔ بیٹی کو خوش دیکھ کر سائرہ مطمئن تھی اور دن بھرکی اپنی کوفت بھول چکی تھی۔
جب وہ دونوں گھر پہنچیں تو حنیف خان ان سے پہلے ہی گھر آ چکا ہوا تھا۔ ’’تم دونوں ماں بیٹی کہاں گئیں ہوئی تھیں ؟‘‘ اس نے انہیں اندر داخل ہوتے دیکھ کر پوچھا۔
’’حمیرا منصور کے لئے کوئی تحفہ خریدنا چاہتی تھی۔ ‘‘ سائرہ بولی۔
’’بھئی، ہمیں بھی تو دکھاؤ! کیا لائیں ہیں آپ ماں بیٹی؟‘‘ حنیف، حمیرا کو اپنے کمرے کی جانب جاتے دیکھ کر بولا۔
’’ابو ایک گھڑی ہے کل دیکھ لینا۔ ‘‘ حمیرا شرما سی گئی اور تیز تیز قدم اٹھاتی ہوئی اپنے کمرے کو چل دی تھی۔
’’آپ گھر کب آئے؟‘‘ سائرہ نے پو چھا۔
’’یہی کوئی گھنٹہ پون گھنٹہ ہوا۔ میں جب آیا تو فون کی گھنٹی بج رہی تھی۔ میں نے فون اٹھایا تو یہ زینب تھی۔ وہی باتیں دہرا رہی تھی جو وہ صبح تم سے کہہ گئی تھی، لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ حنیف آگے کچھ کہتے کہتے رک گیا۔
’’لیکن کیا؟ آپ رک کیوں گئے۔ کیا کہا تھا زینب نے؟ ‘‘ سائرہ بے چینی سے بولی۔ ’’آپ یقیناً کوئی بات چھپا رہے ہیں۔ بتائیے نا !کیا کہا تھا اس نے؟‘‘ وہ زور دے رہی تھی۔
’’پریشان تھی بیچاری۔ اپنے حالات کا رونا رو رہی تھی۔ میں نے تسلی دی اور یہ بھی بتایا کہ میں آج ہی اُس ذلیل شرافت کے پاس بھی گیا تھا۔ میں نے زینب سے کہا کہ وہ تسلی رکھے اور ہو سکے تو اب اپنی جاننے والیوں کو بھی یہ بات بتا دے کہ وہ پاکستان جا کر شرافت کو طلاق دے دے گی، لیکن یہ شرافت تو بہت ہی کمینہ نکلا ہے۔ ‘‘
’’کمینہ تو وہ ہے ہی! لیکن اب کیا ہوا ہے؟‘‘ سائرہ کی بے چینی میں پریشانی کا اضافہ ہو گیا تھا۔
’’اس حرامی پلے نے میرے چلے آنے کے بعد، زینب کو فون کیا تھا۔ اور ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی تھی اور زور دے رہا تھا کہ وہ منصور کے نتیجے کی تقریب میں ضرور آئے گا۔ زینب بتا رہی تھی کہ اُس نے منصور کے کچھ دوستوں سے یہ پتا بھی لگا لیا ہے کہ منصور کہاں ہے۔ زینب اس کی باتوں پر ہرگز یقین نہ کرتی لیکن جب اس نے کہا کہ منصور دوستوں کے ساتھ پولینڈ میں ہے تو وہ گھبرا گئی کہ یہ حرامی تو جڑ تک جا پہنچا ہے۔ اب وہ ڈر رہی تھی کہ وہ تقریب میں آ جائے گا اور ہو سکتا ہے کوئی گڑ بڑ کرنے کی کوشش کرے۔ بہرحال میں نے زینب کو تسلی دی ہے کہ میں خود بھی وہاں ہوں گا اس لئے وہ بے فکر رہے۔ ‘‘ حنیف نے سائرہ کی جانب دیکھا۔ وہ بت بنی، چپ بیٹھی تھی۔ ’’تم کیا سوچ رہی ہو؟ اس نے سائرہ کو متوجہ کیا۔
’’میں کچھ بھی تو نہیں سوچ رہی بس یونہی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ اٹھی اور کچن کی طرف چل دی۔ ’’شام ہو گئی ہے کچھ کھانے کا کر لوں۔ ‘‘ وہ بولی۔ اتنی دیر میں حمیرا بھی آ گئی تھی اور امی کے ساتھ کچن میں اس کی مدد کرنے لگی تھی۔
اگلی صبح وہ تینوں تیار ہو کر منصور کے کالج جانے کے لئے گھر سے نکلنے ہی والے تھے کہ سائرہ نے حنیف کو مشورہ دیا کہ وہ زینب کو فون کر کے بتا دے کہ وہ نکل رہے ہیں اور اگر وہ چاہے تو ہم اسے اور سیمی کو بھی راہ میں ساتھ لے لیتے ہیں۔ حمیرا کی بھی یہی رائے تھی۔ حنیف نے فون کیا تو زینب ہی نے اٹھایا۔ حنیف نے فون کرنے کا مدعا بتایا تو زینب بولی کہ اس کی کوئی ضرورت نہیں تھی اور یہ کہ وہ اور سیمی دونوں ماں بیٹی خود کالج پہنچ جائیں گی اور ان کو اس تکلیف کی ضرورت نہیں۔ زینب نے یہ بھی بتایا کہ رات گئے منصور کا فون آیا تھا۔ کہہ رہا تھا کہ وہ ہر صورت میں وقت پر پہنچ جائے گا۔ ‘‘ حنیف کو زینب کی آواز میں خوشی کی کھنک سنائی دی۔ ’’یہ تو بہت ہی اچھی بات ہے۔ ‘‘ وہ بولا۔ ’’اچھا تو اب وہیں پر ملاقات ہو گی۔ ‘‘ اس نے فون بند کر دیا۔ اور حمیرا اور سائرہ کو چلنے کو کہا۔ ’’وہ دونوں ماں بیٹی خود پہنچ رہی ہیں اور منصور نے بھی فون کیا ہے۔ وہ بھی پہنچ رہا ہے۔ حمیرا تم نے تحفہ لے لیا کہ نہیں ؟ دروازے سے باہر نکلتے ہوئے ماں نے حمیرا کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرا جس سے وہ کچھ جھینپ سی گئی تھی۔
’’منصور کی تقریب کے بعد میں تم سب کو ’’ٹریٹ‘‘ دوں گا۔ ‘‘ حنیف کار کا سٹیرنگ سنبھالتے ہوئے بولا۔ اس نے کار کے ’’ریئرمیئرر‘‘ میں دیکھا ’’حمیرا ماں کے کاندھے پر سر رکھے ٹیک لگائے ہوئے تھی۔ راستے میں وہ ادھر ادھر کی باتیں کرتے جا رہے تھے اور خوش تھے کہ آج منصور کو ’’اعزازی ٹوپی اور سند‘‘ ملنے والی تھی۔ حمیرا اپنے ہینڈ بیگ میں رکھے، منصور کے لئے تحفہ والے گھڑی کے پیکٹ کو کئی بار ہاتھ لگا کر دیکھ چکی تھی اور اپنے ہی خیالوں میں مگن تھی۔ دبی دبی خوشی جس کا وہ اظہار نہیں کر پا رہی تھی اور کچھ افسوس بھی کہ منصور سے پہلے بات نہیں کر سکی تھی۔
کوئی آدھ گھنٹے کی ڈرائیونگ کے بعد، کالج کے احاطے میں کار پارک کر کے جب وہ تینوں کالج کے اندر ہال میں پہنچے تو ایک عجب سماں تھے۔ خوش و خرم نوجوان لڑکے لڑکیاں، مسکراہٹیں بکھیرتے ایک دوسرے سے گلے مل رہے۔ ان کے والدین کے چہروں سے خوشیاں چھلک رہی تھیں۔ تقریب شروع ہونے میں ابھی کوئی پون گھنٹہ باقی تھا۔ ہال میں کچھ والدین کرسیوں پر بیٹھ بھی چکے ہوئے تھے۔ سامنے کی دو قطاروں والی کرسیاں طلباء و طالبات کے لئے مخصوص تھیں۔ وہ تینوں بھی تیسری قطار کے ایک سرے پر پڑیں خالی کرسیوں پر اپنے لئے جگہ بنا چکے تھے اور ساتھ والی دو خالی کرسیوں کو انہوں نے زینب اور سیمی کے لئے رکھ لیا تھا۔ ان کی نظریں ہال میں داخل ہونے والوں پر لگیں تھیں کہ اتنے میں حمیرا کی نظر زینب اور سیمی پڑی۔ ’’امی ! وہ آ گئے!!‘‘ وہ ہجوم میں اشارہ کرتے ہوئے بولی۔ زینب اور سیمی نے بھی شاید ان کو دیکھ لیا تھا اور اب انہیں کی طرف آ رہی تھیں۔ زینب نے ان دونوں کو اپنے پہلو میں پڑیں خالی کرسیوں پر بٹھا دیا تھا اور اب وہ ایک دوسرے کا حال احوال پوچھنے لگیں تھیں۔
’’بہن دعا کرو منصور وقت پر پہنچ جائے۔ ‘‘ زینب پریشان سے لگ رہی تھی۔
’’وہ آ جائے گا تم فکر نہ کرو۔ ‘‘ سائرہ نے اسے تسلی دی۔
حمیرا اور سیمی اپنی ہی باتوں میں لگی ہوئیں تھیں۔ اور سیمی حمیرا کو منصور کا نام لے لے کر چھیڑ رہی تھی۔ حنیف خان اپنی ہی کسی سوچ میں ڈوبا ہوا تھا کہ اس کی نظرہجوم میں ایک طرف کھڑے شرافت خان پر پڑی۔ ’’آ گیا، لومڑ کی اولاد!‘‘ بے اختیار اس کے منہ سے نکلا۔ ابھی وہ ساتھ بیٹھی سائرہ کو متوجہ کرنے ہی والا تھا کہ ہال کے بڑے دروازے سے اسے منصور بھی اندر داخل ہوتا دکھائی دیا۔ ’’منصور آ گیا! آہا، منصور آ گیا!!‘‘ وہ بے ساختگی میں اپنی جگہ سے اچھل کر منصور کی جانب بڑھتے ہوئے بولا۔ زینب، سائرہ، سیمی اور حمیرا بھی اپنی اپنی کرسیوں سے اٹھ کر ادھر ہی دیکھ رہی تھیں۔ ابھی حنیف منصور سے چند قدم دور ہی تھا کہ شرافت خان نے بھی منصور کو دیکھ لیا اور جھپک کر اس کی طرف بڑھا اور اس سے پہلے کہ حنیف اس تک پہنچتا، شرافت خان منصور کے پاس پہنچ کر اس کے سر پر ہاتھ پھیر رہا تھا۔ ’’بیٹا آج تم نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے تمھیں امتحان پاس کرنے کی امتیازی ٹو پی ملنے والی ہے، اب میں بھی اپنا وعدہ پورا کروں گا، ٹوپی لینے کے بعد ادھر اُدھر نہیں جانا۔ ‘‘ منصور ابھی سر جھکائے کھڑا کچھ کہنے ہی والا تھا کہ حنیف خان وہاں پہنچ چکا تھا۔
’’کیا امی بھی آ گئی ہیں ؟‘‘ منصور نے پوچھا۔ ایسا لگتا تھا کہ اس کے مخاطب وہ دونوں تھے۔
’’ہاں بیٹا! تمھاری امی وہ ادھر حمیرا، سیمی اور تمھاری آنٹی کے ساتھ بیٹھی ہیں،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ دیکھو ادھر، وہ تم کو بلا رہی ہیں۔ ‘‘ حنیف خان اس کی کمر میں بازو ڈال کر اسے اپنے ساتھ آگے بڑھاتے ہوئے بولا۔
’’اچھا تو ابو!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ منصور حنیف کے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے، شاید کچھ کہنا چاہتا تھا لیکن جملہ پورا نہ کر سکا۔ شرافت خان جہاں تھا وہیں کھڑا انہیں جاتے ہوئے دیکھ رہا تھا۔
تقریب کے لئے سٹیج لگ چکا تھا۔ اساتذہ، والدین اور طلباء و طالبات، اپنی جگہوں پر بیٹھ چکے تھے اور پرنسپل کی تقریر کے بعد اب کامیاب طلباء و طالبات کے نام پکارے جا رہے تھے اور انہیں ’’کامیابی کی امتیازی ٹوپیوں اور سندوں ‘‘ سے نوازا جا رہا تھا۔
جونہی کسی طالب علم کو ٹوپی ملتی اس کے والدین کھڑے ہو کر تالیاں بجانے والے دوسرے طلباء کے ساتھ تالیاں بجانے میں شامل ہو جاتے۔ خوشیوں کا اک ہنگامہ خیز منظر تھا۔ حنیف خاں، سائرہ، زینب، حمیرا اور سیمی سبھی اپنی اپنی جگہوں پر بیٹھے منصور کا نام پکارے جانے کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔ حنیف خان نے دیکھا کہ شرافت خان سٹیج سے تھوڑا ہٹ کر کھڑا منصور پر نظریں جمائے ہوئے تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور پھر اچانک منصور کا نام پکارا گیا۔ نام کی پکار سنتے ہی شرافت خان کے کان یوں کھڑے ہو گئے جیسے منصور کو نہیں اس کو آواز دی گئی ہو۔ ، حنیف، زینب، سائرہ، حمیرا اور سیمی بھی اپنی اپنی کرسیوں سے اٹھ کھڑی ہوئی تھیں۔ منصور اپنی کرسی سے اچھل کر اُٹھا اور پھلانگتا ہوا سٹیج کی جانب بڑھا۔ ادھر دوسری جانب سے شرافت خان بھی لمبے ڈگ بھرتا ہوا سٹیج کے کونے کے قریب جا کر کھڑا ہو چکا تھا۔
جونہی ’’مہمان خصوصی‘‘ نے ’’منصور کو ’’اعزازی ٹوپی پہنائی اور سند عطا کی‘‘ ہال طلبا کی تالیوں سے گونج اُٹھا اور سٹیج کے ایک کونے سے کسی کے یوں سیٹیاں بجانے کی آواز ابھری جیسے وہ ہال میں نہیں کسی میلے میں ہو۔ یہ شرافت خان تھا۔ ادھر منصور جو ’’ٹوپی اور سند‘‘ وصول کرنے والا آخری طالب علم تھا، اسے دوسرے طلباء و طالبات نے سٹیج ہی پر جا گھیرا تھا اور اب رسم کے مطابق، اُس کے گرد گھیرا ڈالے رقص کر رہے تھے۔ اتنے میں شرافت خان بھی بڑی تیزی کے ساتھ اپنی جگہ سے سٹیج پر منصور کی جانب بڑھ رہا تھا لیکن، منصور کی امّی زینب، اور اس کی بہن سیمی، حمیرا کو اُس کے بازوؤں سے کھینچتی ہوئیں پہلے ہی منصور کے قریب پہنچ چکی تھیں۔ منصور کی نظر جونہی اُن سبھی پر پڑی اس نے جھجک کر ماں کو بانہوں میں لے لیا۔ حنیف خان اور سائرہ بھی وہاں پہنچ چکے تھے۔ سیمی کو نجانے کیا سوجھی کہ اس نے حمیرا کا ہاتھ کھینچ کر منصور کے ہاتھ میں تھما دیا ’’ہم سب سے زیادہ کوئی اور بھی حقدار ہے‘‘ وہ بولی۔ حمیرا کے چہرے کا رنگ گلابی ہو رہا تھا۔ اس نے کچھ کہنے کی کوشش تو کی لیکن زبان ساتھ نہ دے سکی۔ اس نے کانپتے ہاتھوں سے منصور کو تحفے والا چھوٹا سا پیکٹ تھمایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’یہ کیا؟، منصور نے تعجب سے بڑی جلدی میں پیکٹ کو کھولتے ہوئے پوچھا۔ ’’میرے دل کی دھڑکن‘‘ حمیرا بڑی آہستگی سے بولی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’او، حمیرا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ منصور نے بے اختیار، اسے بازوؤں میں لے کر اُس کے ماتھے پر ایک بھرپور بوسہ دیا اور پیکٹ سے گھڑی نکالی تو زینب کے اصرار پر حمیرا نے اُسے منصور کی کلائی پر باندھ دیا۔ ’’سنو اب ایک بجنے والا ہے، چلو میں تم سب کو لنچ دیتا ہوں۔ ‘‘ حنیف خان، سائرہ کو ساتھ لئے آگے بڑھ کر بولا۔
اب وہ سبھی ہنستے قہقہے لگاتے ہال سے باہر نکلنے کے لئے بڑے دروازے کی طرف بڑھ رہے تھے۔ ہال میں طلباء و طالبات بھی ایک دوسرے کے گلے ملتے اور ’’بڑی پارٹی اور ایک دوسرے کے گھروں پر جانے کے لئے‘‘ ایک دوسرے سے وعدے کرتے، اپنے اپنے والدین کے ساتھ باہر ہال سے باہر نکل رہے تھے اور ان سب سے پرے سٹیج کے ایک کونے سے لگا ایک شخص ہاتھوں میں چابیوں کا گچھا لئے یوں کھڑا تھا جیسے وہ ایک بت ہو۔
٭٭٭

دُعا

’’یہ کیا ہو گیا ہے؟‘‘
مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا تھا کہ میرے سامنے آنے والا میرا دوست احمد ہی تھا یا کوئی اور، کل شام تو اس کی حالت ایسی نہیں تھی۔
’’ارے راحیل! کہاں گھوم رہے ہو؟‘‘ وہ میرے سامنے کھڑا تھا۔ بائیں بازو پر پلستر لپیٹے اور اسے گلے میں باندھی پٹی میں لٹکائے ہوئے، اس نے سر بھی پٹی باندھ رکھی تھی۔
’’یہ کیا حلیہ بنا رکھا ہے تم نے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا ہوا؟‘‘ میں نے اسے بغور دیکھتے ہوئے پوچھا۔
’’چھوڑو یار، آؤ کسی جگہ بیٹھتے ہیں۔ یہاں قریب ہی ایک کیفے ٹیریا پڑتا ہے، وہاں چلتے ہیں۔ ‘‘ اس نے میری بات کا جواب دیئے بغیر دائیں ہاتھ سے ایک طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا اور میں اس کے ساتھ چل دیا۔
’’لیکن تمہیں یہ ہوا کیا ہے، خدا نخواستہ کہیں ٹیکسی کا کوئی حادثہ تو نہیں ہو گیا تھا؟‘‘ میں نے پھر پوچھنے کی کوشش کی۔ میں نے دیکھا کہ اسے چلنے میں بھی دشواری محسوس ہو رہی تھی۔ میں نے اسے سہارا دینا چاہا تو وہ بولا ’’میں اتنا بھی نہیں مر گیا یار جتنا تم پریشان ہو رہے ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کم سے کم میں اُس ’’سالی‘‘ کو تو مار کر ہی دم لوں گا۔
میں اپنی دانست میں بات سمجھ چکا تھا۔ وہ ضرور اپنی حرکت سے باز نہیں رہا ہو گا اور انیتا کے ہاتھوں پٹا ہو گا۔
احمد اور میں ایک ہی ٹیکسی کمپنی میں ملازم تھے۔ اور اس طرح ہماری جان پہچان اچھی دوستی میں بدل چکی ہوئی تھی۔ میں اکیلا ہی رہتا تھا اور احمد کی بیوی کو پاکستان سے آئے بمشکل ایک سال ہی ہوا ہو گا۔ اس کے آنے سے پہلے ہم دونوں ہر شام اکٹھے ہی رہا کرتے، اور گھوما پھرا کرتے تھے۔ پچھلے دو مہینوں سے جب سے احمد نے رات کو ٹیکسی چلانی شروع کی تھی ہماری سنگت کی پرانی راتیں پھر لوٹ آئی تھیں۔ ہم پانچ بجے شام سے رات ایک بجے تک اپنی اپنی ٹیکسی چلایا کرتے تھے، جس کے بعد ہم ٹیکسیاں کمپنی کے حوالے کر کے تفریح طبع کے لئے گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ کے لئے کسی کلب وغیرہ میں چلے جاتے یا کسی ’’سر راہ کیفے یا بار‘‘ میں بیٹھ کر بیئر وغیرہ پی کر تھکن دور کرنے کی کوشش کر لیتے تھے۔ احمد اکثر و بیشتر گھر چلے جانے کا کہہ کر جلدی رخصت ہو جایا کرتا تھا اور پھر میں ’’کوپن ہیگن بائی نائٹ‘‘ دیکھنے کے لئے کسی کلب یا ناچ گھر میں چلا جاتا تھا۔
کل رات بھی جب ہم اپنے کام سے فارغ ہوئے تو ہم ایک بار میں گھس گئے، جہاں ہم بیئر کا ایک ایک گلاس لے کر ایک میز پر جا بیٹھے اور اپنے اپنے مسافروں کی زندہ دلی اور حماقتوں اور ڈینش معاشرے میں ہم تارکین وطن کے خلاف بڑھتے ہوئے تعصب و منافرت کے بارے میں باتیں کرنے لگے تھے۔
ابھی ہمیں وہاں بیٹھے کوئی آدھ گھنٹہ ہی گزرا ہو گا کہ اتنے میں بائیس چوبیس برس کی ایک شوخ و ترنگ، چنچل لڑکی وہاں اندر داخل ہوئی اور جونہی اس کی نظر ہم پہ پڑی وہ ایک طرح سے چھلانگ لگاتی ہوئی ہمارے پاس پہنچ گئی اور احمد کے گلے میں بانہیں ڈال کر اس گالوں پر بوسے نچھاور کرنے لگی تھی۔
’’ای ڈی ایٹ! کہاں ہوتے ہو؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سنا ہے تم نے شادی کر لی ہوئی ہے، لیکن یہ بھی کیا نہ کبھی شکل دکھائی اور نہ ہی کبھی فون کیا، کہو کیسے ہو؟‘‘ وہ یہ کہتے ہوئے احمد کی گود میں گر گئی تھی اور اس کے گلے میں بانہیں ڈالے اس کے چہرے پر دیکھ رہی تھی۔ احمد نے اس سے میرا تعارف کراتے ہوئے مجھے بتایا کہ وہ اس کی پرانی ’’گرل فرینڈ‘‘ انیتا تھی۔ احمد نے اب تین بیئر کے لئے آرڈر دے دیا تھا۔ لیکن احمد اور انیتا جب اپنی ہی باتوں میں کھو گئے اور میں نے محسوس کیا کہ وہ میری موجودگی کو بھول گئے ہیں تو میں نے ان سے اجازت چاہی۔ ۔ ۔ ۔ ’’اچھا یار احمد، انیتا کا خیال رکھنا۔ ‘‘ یہ کہتے ہوئے میں اپنی کرسی سے اٹھا۔ ۔ ۔ ’’کہاں جا رہے ہو یار؟‘‘ احمد نے مجھ سے پو چھا۔
’’بھئی میرا کیا ہے! سنسان گھر میں جا کر اکیلا کیا کروں گا۔ تمہیں تو پری مل گئی ہے، میں بھی کوئی مچھلی پکڑنے کی کوشش کروں گا ۔ ‘‘ میں نے چلتے چلتے انیتا کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔
’’ہاں جزیروں کے اس دیس میں چاروں طرف کھلا سمند رہے بس کانٹا مضبوط ہونا چاہیے، آج تو ہم بھی ’’کوپن ہیگن بائی نائٹ‘‘ دیکھیں گے۔ احمد کی آواز میرا پیچھا کر رہی تھی۔ اگلے روز ’’ویک اینڈ‘‘ کی وجہ سے چھٹی تھی۔ میں نے بار کے دروازے سے باہر نکل کر ’’واٹر لو نائٹ کلب‘‘ کی راہ لی۔ میں اپنے خیالوں میں کھویا ہو ا تھا کہ احمد نے ایک طرف اشارہ کرتے ہوئے مجھے متوجہ کیا۔ ’’یہ رہا کیفے چلو بیٹھتے ہیں۔ ‘‘
کیفے میں کافی بھیڑ تھی اور ہمیں جگہ تلاش کرنے میں کچھ وقت لگ گیا تھا۔ ابھی ہم بیٹھے ہی تھے کہ کیفے میں کام کرنے والی لڑکی کولہے مٹکاتی ہمارے پاس آئی۔ ۔ ۔ ۔ ’’کیا چاہیے؟‘‘ اس نے مسکراتے ہوئے پوچھا۔ ابھی احمد کچھ کہنے ہی والا تھا کہ میں بول پڑا۔
’’تمھارے ہاں کیا مل سکتا ہے؟‘‘
’’سبھی کچھ، بیئر، وائینز، وہسکی، کافی چائے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ شاید ابھی وہ کچھ اور بھی بتانے والی تھی کہ میں پھر بول پڑا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اور خود تمھارے اپنے بارے میں کیا خیال ہے؟‘‘
’’شٹ اپ! احمد نے پلستر میں پلٹا ہوا اپنا بازو سہارے کے لئے میز پر رکھتے ہوئے مداخلت کی۔
’’تم اپنے دوست سے یوں ناراض کیوں ہوتے ہو، میں ایسے مردوں کو خوب سمجھتی ہوں۔ ‘‘ اس نے احمد کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔ وہ ابھی تک ہمارے آرڈر کے انتظار میں کھڑی مسکرا رہی تھی۔
ہمیں دو بیئر دے دو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور بس!‘‘ احمد نے کہا اور وہ کولہے مٹکاتی بیئر لینے کے لئے چلی گئی۔ میری نگاہیں ابھی تک اس کا پیچھا کر رہی تھیں کہ احمد نے مجھے متوجہ کیا۔ ’’تمھارے پاس سگریٹ ہیں ؟‘‘
’’ہاں یہ لو۔ ‘‘ میں نے جیب سے پیکٹ نکال کر اس کی طرف بڑھا دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ہاں یار، احمد تمہیں یہ کیا ہوا ہے؟‘‘
وہ کچھ لمحوں کے لئے تو خاموش رہا اور پھر میری جانب گہری نظروں سے دیکھتے ہوئے ایک لمبی سانس لے کر کچھ کہتے کہتے رک گیا۔ اتنی دیر میں ویٹرس ہماری میز پر بیئر رکھ گئی تھی۔ میں نے قدرے شرارت آمیز رنگ میں احمد کو چھیڑتے ہوئے پھر پوچھا۔ ’’یار بتاؤ تو وہ کل رات سالی انیتا سے تو کہیں کوئی گڑبڑ نہیں ہو گئی تھی؟‘‘
’’دیکھو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ راحیل، تمہاری میری گیارہ بارہ برس کی دوستی اب محض دوستی نہیں رہی تم نجانے کیا سوچتے ہو گے لیکن میں تمہیں اپنا بھائی ہی سمجھتا ہوں۔ ‘‘ اس نے اپنے گلاس میں بوتل سے بیئر انڈیلی تو مجھے اس کا ہاتھ کانپتا ہوا لگا۔ ’’میں بھی تمہیں اپنا بھائی ہی سمجھتا ہوں۔ ‘‘ میں نے اس کی بات کو آگے بڑھانا چاہا۔ ’’آخر بات کیا ہے یار، بتاتے کیوں نہیں ہو، کیا میں کوئی مدد کر سکتا ہوں ؟‘‘ میں نے اپنے گلاس میں بیئر انڈیلتے ہوئے پوچھا۔
’’نہیں، راحیل۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پیارے اب وقت گزر چکا ہے،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب تو بس ایک ہی حل باقی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ طلاق، طلاق۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور طلاق!‘‘ وہ زور دیتے ہوئے بولا۔
میری سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ معاملہ کیا ہے۔ میری حیرانگی بڑھ رہی تھی۔ کیا یہ اپنی بیوی کے بارے میں کہہ رہا ہے۔ میں ابھی یہ سوچ ہی رہا تھا کہ وہ بول پڑا۔
’’راحیل میں پریشان ہوں کہ جو بات میں کہنا چاہتا ہوں کہوں تو کیسے اور چھپاؤں تو کتنی دیر؟ کل رات تمھارے جانے کے بعد میں اور انیتا بار بند ہونے تک وہاں بیٹھے رہے وہ میرا پیچھا چھوڑنے کا نام ہی نہیں لے رہی تھی اور بضد تھی کہ میں اس کے ساتھ اور کچھ نہیں تو کم از کم ایک پیالی کافی کے لئے اس کے گھر چلوں۔ میں نے جب کوئی راہ نہ نکلتی دیکھی تو ہاں کر دی لیکن اس کے ساتھ جانے سے پہلے گھر فون کر دیا کہ میں دیر سے آؤں گا۔ انیتا مجھے اپنی گاڑی میں گھر لے گئی اور پھر وہاں پہنچتے ہی اس نے گزرے دنوں کی یاد میں وہسکی کے دو جام بنائے اور ہم دونوں پہلے تو پیتے پلاتے رہے اور اس نے بیتے دنوں کا قرض اتارنے کے لئے مجھ سے مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔ راحیل میں اعتراف کرتا ہوں کہ میں نے اس کے ساتھ جی بھر کر ’’ہم بستری‘‘ کی، گویا میں نے محض قرض ہی نہیں سود بھی چکا دیا۔ ‘‘
میں ابھی تک شوخی اور حیرانگی کے بیچ اٹکا ہوا تھا۔ احمد اپنی بیئر ختم کر چکا تھا اور خلا میں ادھر اُدھر دیکھ رہا تھا۔ وہ شاید اظہار کے لئے الفاظ تلاش کر رہا تھا۔
’’پھر کیا ہوا؟‘‘ میں نے پو چھا۔
اس نے ایک لمحہ کے لئے میرے چہرے پر بھرپور نگاہ ڈالی اور پھر بولا ’’راحیل، ہونا کیا تھا، میں لٹ چکا ہوں ! میرے خاندان کی عزت خاک میں مل گئی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں تمھیں۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ پلستر میں لپٹا ہوا اپنا بازو سنبھالتے ہوئے رک رک کر بول رہا تھا۔ میں نے دیکھا کہ اس کی آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ گہری سرخ ہو رہی تھیں۔ میں نے تسلی دینے کے انداز میں اس کے داہنے ہاتھ کو اپنے ہاتھوں میں لے کر سہلایا تو وہ کھل کر رونے لگا۔
’’راحیل تمھیں معلوم ہے کہ میرے اپنے آبائی گاؤں کی برادری کے کتنے لوگ ہمارے ساتھ ہی کام کرتے ہیں لیکن میں نے کبھی ان سے رابطہ نہیں رکھا اور نہ ہی کبھی ان کے کسی نفع نقصان میں شامل ہوتا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن میرے بھائی! مجھے یہاں پردیس میں میری ہی برادری کے ایک ’’کمینے‘‘ نے لوٹ لیا ہے۔ ‘‘ وہ ہچکیاں لیتے ہوئے مسلسل رو رہا تھا۔ کیفے کی ویٹرس چکر لگاتی ہماری میز کے قریب آ کھڑی ہوئی تھی۔ ’’تمھیں کچھ اور چاہیے؟‘‘ اس نے احمد کی خالی بوتل اٹھاتے ہوئے پوچھا اور میری آدھی بھری ہوئی بوتل کی طرف یوں دیکھنے لگی جیسے کہہ رہی ہو کہ ’’کیا حلق سے نہیں اترتی!‘‘
’’ہمیں دو بیئر اور دے دو۔ ‘‘ میں نے بوتل میں پڑی بیئر کو اپنے گلاس میں انڈیلا اور خالی بوتل ویٹرس کی طرف سرکا دی۔ اس نے خالی بوتل اٹھائی اور ہمارے لئے بیئر لینے چلی گئی۔
’’ہاں راحیل۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ احمد کچھ کہتے کہتے یوں رک گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جیسے اسے اظہار کے لئے الفاظ نہ مل رہے ہوں یا پھر اسے مجھ پر اعتماد نہ ہو۔ ’’ہاں تومیں کہنے والا تھا۔ ‘‘ اس نے پہلو بدلا۔ ’’تم تو جانتے ہی ہو کہ شادی سے پہلے میں کس طرح کا تھا اور ہم دونوں، تم اور میں، کیسے رہا کرتے تھے۔ اور تم یہ بھی جانتے ہی ہو کہ شادی کے بعد جب سے میری بیوی یہاں کوپن ہیگن آئی ہے میں کتنا بدل چکا ہوں۔ محنت مزدوری کے لئے ٹیکسی چلانے کی وجہ سے اگرچہ گھر پر رہنے کو کم ہی وقت ملتا ہے لیکن میں نے گھریلو ضروریات کو پورا کرنے میں کبھی کوتاہی نہیں کی اور تمھاری بھابھی کی ہر طرح کی خواہش پوری کرتا رہا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ لیکن یار، عورت عورت ہی ہوتی ہے اور پھر ہماری عورتیں جو کچھ لکھی پڑھی ہوتی ہیں، ان کا تو طریقہ ہی اور ہے۔ ان کے والدین ان کی شادی کہیں بھی کر دیں، ایسی عورتیں اپنے ’’پہلے پیار‘‘ کو کبھی نہیں بھولتیں۔ ان کے دل سے اپنے پہلے محبوب کا پیار کبھی نہیں نکل سکتا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اُس نے بیئر کا ایک گھونٹ لیتے ہوئے اپنی بات جاری رکھی۔ ’’راحیل! میں جب شادی کرانے پاکستان گیا تو میرے بچپن کے چند ایک دوستوں نے باتوں باتوں میں اشارتاً مجھے بتایا کہ میری ہونے والی بیوی، کسی اور کی منگیتر رہی ہے۔ مجھے ان کی باتیں مذاق کے سوا کچھ نہیں لگیں تھیں لیکن پھر بھی میں نے اپنے ماں باپ سے اس موضوع پر کھل کر بات کی تو انہوں نے الٹا مجھے ہی ڈانٹنا شروع کر دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’یہ ڈنمارک کے پانی کا اثر ہے تجھ پر، جو اتنا منہ کھول کر بکواس کرنے لگا ہے، تو ان کمینے شیطانوں کی باتوں پر یقین کر کے کسی کی بیٹی پر تہمت لگاتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا تیری اپنی بڑی بہن کی منگنی نہیں ٹوٹی تھی، اور وہ بیچاری تو کسی کی پہلے کبھی منگیتر ونگیتر بھی نہیں رہی، اور رہی بھی ہو تو کیا طلاق یافتہ تو نہیں۔ ‘‘ میرا باپ تو گالیوں پر اتر آیا تھا لیکن میری ماں نے بیچ میں پڑتے ہوئے معاملہ ٹھنڈا کرا دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’بیٹا‘‘ وہ بولی ’’صغریٰ کی منگنی بچپن میں کسی کے ساتھ ہم نے سنا ہے ہوئی تھی لیکن اس کے والدین تو اسے مدتیں ہوئیں توڑ چکے ہیں، اگر ایسی ویسی بات ہوتی تو تمھاری منگنی کے ان چھ مہینوں میں سامنے آ جاتی۔ ‘‘ مجھے ماں کی بات زیادہ وزنی لگی اور میں خاموش ہو گیا۔ میری شادی ہو گئی اور سہاگ کی رات میں نے صغریٰ کے ساتھ کھل کر باتیں کیں اور اس کی پہلی منگنی بارے میں بھی پوچھ لیا، وہ خاموش رہی۔ ’’اب پرانی باتوں کا ذکر کیا کرنا۔ ‘‘ مجھے اچھی طرح یاد ہے اس نے یہی کہا تھا۔ پاکستان میں قیام کے دوران میں صغریٰ کو اپنے ساتھ لے کر اسے لاہو ر، اسلام آباد اور دوسرے شہروں میں رشتہ داروں سے ملاتا رہا اور اس کے بعد واپس ڈنمارک آ گیا۔ اور پھر یہ تو تمھیں پتہ ہی ہے کہ میں نے اسے یہاں بلوانے کے لئے کس طرح ویزے کا بندوبست کیا تھا، ہوائی جہاز کا ٹکٹ بھجوایا تھا۔ وہ جب یہاں آئی تو میں نے زندگی کو بہتر بنانے اور گھر بار چلانے کے لئے رقم کمانے کی خاطر کیا کیا پاپڑ نہیں بیلے۔ ‘‘ احمد اپنی بیئر کا گلاس ختم کر چکا تھا۔ میں نے ویٹرس کو آواز دیتے ہوئے اسے وہسکی کے دو پیگ لانے کو کہا اور خود سگریٹ سلگا کر ایک احمد کو دے دیا اور دوسرا خود پھونکنے لگا۔ اتنی دیر میں ویٹرس نے وہسکی کے دو گلاس لا کر میز پر رکھ دیئے۔
’’ہاں تو احمد۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ میں نے وہسکی کا ایک گلاس اس کی طرف بڑھاتے ہوئے، متجسسانہ انداز میں بات کو آگے بڑھانا چاہا۔ ۔ ۔ ۔ ’’پھر کیا ہوا؟‘‘
اس نے وہسکی کا پیگ اٹھایا اور ایک ہی گھونٹ میں حلق سے اتارتے ہوئے بولا۔ ’’ڈنمارک آنے کے بعد میں نے یہاں اپنے گاؤں کے چند ایک کنبوں سے صغریٰ کا تعارف کرا دیا تھا اکثر کو تو وہ پہلے ہی سے جانتی بھی تھی۔ میں نے اسے ان خاندانوں سے ملنے کی کھلی اجازت دے رکھی تھی اور چاہتا تھا کہ میرے کام کی وجہ سے گھر سے باہر رہنے کے دوران صغریٰ تنہائی کا شکار نہ ہو جائے اور ان لوگوں کے ساتھ ملنے ملانے سے نہ صرف اس کا جی بہلا رہے گا بلکہ وہ خود بھی جب ادھر اُدھر تھوڑا بہت نکلے گی تو اس میں ’’خود اعتمادی‘‘ بڑھ جائے گی، لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ راحیل!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ یہ کہتے ہوئے اُس کے آنسو نکل آئے اور ہونٹ کانپنے لگے تھے۔ میں نے دیکھا کہ میز کے کونے پر اس کے ہاتھ کی گرفت بھی سخت ہو گئی تھی اور اس کے ہاتھ کی نسیں تن سی گئی تھیں۔ ’’راحیل، یہ میری کم عقلی تھی، میں نے دیہاتن گائے کے گلے سے بیچ بازار رسّہ کھول دیا تھا۔ اور یہ نہ سوچا تھا کہ وہ آزاد ہوتے ہی پہلے مجھے ہی سینگوں پر اٹھا کر دے پھینکے گی۔ ‘‘ وہ بولا۔
’’راحیل، کل جب میں انیتا کے گھر سے صبح کے چار بجے کے قریب اپنے گھر پہنچا اور دروازے کی گھنٹی بجانے ہی والا تھا کہ میرے کان چونکے، دروازے کی دوسری طرف سے گھر کے اندر سے کسی مرد کی آواز آ رہی تھی۔ ایک لمحے کے لئے تو میں نے شراب کے نشے کی وجہ سے اسے اپنا واہمہ سمجھا لیکن اس کے ساتھ ہی، دروازے کی گھنٹی کی طرف بڑھا ہوا میرا ہاتھ ساکت ہو کر رہ گیا۔ میں نے اپنے کان دروازے میں ’’پوسٹ ہول‘‘ کے قریب لگا دیئے۔ ’’میں تو تمھیں آج بھی پہلے دن ہی کی طرح چاہتا ہوں، یاد ہے جب ایک روز تم گاؤں سے باہر کھیتوں میں اپنے باپ کے لئے دوپہر کا کھانا لے کر جا رہی تھی اور میں نے تمھیں روک کر ’’پہلا بوسہ‘‘ دیا تھا۔ تمھارا غصہ بڑے غضب کا تھا۔ لیکن تم نے اپنے وعدے کے مطابق ا پنی بات پوری نہیں کی تھی، تم نے اپنے باپ سے میری شکایت نہیں کی تھی۔ ‘‘ مجھے مرد کی آواز صاف سنائی دے رہی تھی۔ ’’اچھا ہے وہ مردود کسی شرابی کو اس وقت ٹیکسی میں بٹھائے کہیں لے جا رہا ہو گا، تو اسے بس کمائی چاہیے، کمائی!، راحیل مجھے اپنے کانوں پر یقین نہیں آ رہا تھا۔ یہ میری بیوی کی آواز تھی۔ میرا تن بدن جل اٹھا اور سارا نشہ ہرن ہو گیا۔ میں نے نہایت محتاط ہو کر اپنی جیب سے چابی نکالی اور بڑی احتیاط کے ساتھ تالا کھول کر اندر داخل ہو گیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ ’’خنزیر‘‘ پتلون پہننے کی کوشش کر رہا ہے اور موم بتی کی ہلکی مدھم روشنی میں، صغریٰ، نیم عریاں، کہنی کے سہارے، سر اوپر کئے صوفے پر لیٹی ہوئی ہے۔ میں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور اس مردود کی گردن دبوچنے ہی والا تھا کہ اس نے میرے پیٹ میں اپنی ٹانگ جڑ دی اور میں لڑکھڑاتا ہوا فرش پر گر گیا۔ اس سے پہلے کہ میں سنبھلتا اور اسے جہنم پہنچاتا وہ حرامی کی اولاد اپنے کپڑے اور جوتے اٹھا کر فرار ہو گیا۔ میں نے آگے بڑھ کر صغریٰ کی چوٹی پکڑ لی اور گھسیٹے ہوئے صوفے سے نیچے دے مارا۔ ابھی میں اسے جھک کر اوپر اٹھانے اور مُکّہ مارنے ہی والا تھا کہ اس نے ہاتھ بڑھا کر میز سے پیتل کا ’’کینڈل سٹینڈ‘‘ اٹھا کر میرے سر پر دے مارا اور میں چکراتا ہوا ایک طرف لڑھک گیا۔ اتنی دیر میں اُس سالی نے ایک کرسی اٹھا کر مجھ پر دے ماری جو میرے سینے اور بازوؤں پر یوں لگی کہ میں بے بس سا ہو کر وہیں فرش پر لیٹ گیا۔ وہ باؤلی کتیا کی طرح چیخ چیخ کر جھاگ اگل رہی تھی اور کمینی مجھے خالص دیہاتی زبان میں ماں بہن کی ننگی گالیاں دے رہی تھی۔ میں خود کو سنبھالتے ہوئے اب اس پر جھپٹنے ہی والا تھا کہ دروازے پر بڑے روز سے گھنٹی ہوئی۔ میں سمجھا کہ یہ وہ کمینہ ’’عظمت‘‘ ہی ہو گا جس نے صغریٰ کی عزت سے کھیل کر میری عزت لوٹ لی تھی۔ میں صغریٰ کو ایک طرف دھکا دیتے ہوئے جلدی سے آگے بڑھ کر دروازہ کھولتے ہوئے کچھ دیکھے بغیر اپنے سامنے والے پر جھپٹ پڑا اور پھر مجھ پر دائیں بائیں دونوں اطراف سے کوئی خونخوار کتوں کی طرح جھپٹ پڑے، راحیل! میری قسمت ڈوب چکی تھی۔ وہ کمینے پولیس والے تھے جو میرے دروازے پر کھڑے تھے۔ یہ اسی سالے عظمت نے ہی بھجوائے ہوں گے۔ انہوں نے مجھے قابو میں لے کر اندر چلنے کو کہا۔ صغریٰ اتنی دیر میں اپنے کپڑے پہن چکی تھی اور ٹسوے بہا رہی تھی۔ ’’یہ مجھے گھر سے نکالنا چاہتا ہے۔ ‘‘ وہ چیخ چیخ کر اپنے بال نوچ رہی تھی۔ ’’اس نے مجھے مار مار کر آدھ موا کر دیا ہے۔ ‘‘ پنجابن گائے یوں انگریزی بول رہی تھی جیسے گوری میم ہو۔ پولیس والے ابھی تک مجھے پکڑے ہوئے تھے۔ میں نے انہیں بتایا کہ یہ ہمارا گھر ہے اور میں اس کا خاوند ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ابھی میں اتنا ہی کہہ پایا تھا کہ وہ ذلیل شور مچانے لگی۔ ’’یہ شرابی ہر رات نشے میں دھت گھر آتا اور میری درگت بناتا ہے۔ میں اسے یہاں نہیں دیکھنا چاہتی یہ پھر مجھے مارے گا۔ ‘‘ وہ کمینی فرش پر بیٹھی رانوں میں سر دبائے یوں بین کر رہی تھی جیسے اس کی ماں مر گئی ہو۔ اس دوران ایک پولیس والے نے مجھے چھوڑ کر اپنی جیب سے ایک نوٹ بک نکالی اور اُس سے اسکا نام وغیرہ پوچھ کر اس میں درج کرنے لگا۔ میرے سر سے قدرے خون نکل آیا ہوا تھا اور بازو میں درد سا اٹھنے لگا تھا۔ دوسرے پولیس والے نے مجھ پر اپنی گرفت ڈھیلی کرتے ہوئے مجھے حکم دیا کہ میں اپنی جگہ سے مت ہلوں۔ پھر اس نے ایک طرف گری ہوئی کرسی اٹھا کر مجھے اس پر بیٹھ جانے کو کہا۔ اتنی دیر میں اس کا پہلا ساتھی صغریٰ کا بیان لے چکا تھا۔ اب اس نے میری طرف گہری کھا جانے والی نظروں سے دیکھتے ہوئے مجھ سے میرے شناختی کارڈ کا نمبر، میرا نام اور جھگڑے کی وجہ وغیرہ پوچھی اور اپنی نوٹ بک میں درج کرتا رہا۔ میں نے انہیں سب باتیں صاف صاف بتا دیں۔ پھر اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ کچھ کھسر پھسر کی اور مجھے اٹھنے کو کہا۔ میں نے جب پوچھا کہ کیا مجھے ان کے ساتھ جانا ہو گا تو ان میں سے ایک کہنے لگا ’’تمھیں اب یہاں نہیں چھورا جائے گا، ممکن ہے تم دن نکلنے تک ہمارے ہاں مہمان رہو۔ ‘‘ وہ آگے کچھ کہتے کہتے رک گیا اور اس نے اپنا سر میز کے اوپر رکھ دیا۔ اس کے ہاتھ کی انگلیوں میں سگریٹ جل رہی تھی جسے میں نے پکڑ کر ایش ٹرے میں بجھا دیا اور اس کی گردن پر آہستہ آہستہ اپنا ہاتھ پھیرنے لگا۔
’’حوصلہ رکھو احمد! تم نے مجھے بھائی کہا ہوا ہے، میں تمھیں بھائی ہی بن کر دکھاؤں گا، سر اٹھاؤ، مجھے بتاؤ پھر کیا ہوا؟‘‘ میں نے اسے دلاسہ دیتے ہوئے کہا۔
اس نے اپنے سر کو میز پر قدرے ایک طرف لڑھکاتے ہوئے میری جانب دیکھا۔ مجھے اس کی پرنم آنکھوں میں وہ کرب دکھائی دیا جو اس بھیڑ یا بکری کی آنکھوں میں ہوتا ہے جس کے گلے پر قصاب کی چھری تیزی سے چل رہی ہوتی ہے۔ میں نے اپنی وہسکی کے گلاس کو اس کی طرف بڑھا دیا۔ ’لو پیؤ، میں اور منگواتا ہوں، سر اٹھاؤ، حوصلہ کرو۔ ‘‘ میں نے ایک بار پھر اسے تسلی دی۔
’’کیا بتاؤں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یار!‘‘ اس نے اپنے سر کو اوپر اٹھاتے ہوئے اپنی کمر سیدھی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے، آنکھیں میز ہی پر جھکائے رکھے، آہستہ سے کہا۔ ’’میں جب پولیس کی تحویل میں چلنے لگا تو وہ کمینی پھر مجھ پر بھونکنے لگی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’اب رات تو گزر ہی چکی ہے تمھارا دن بھی اچھا گزرے گا۔ سنا ہے یہاں کی جیلیں بھی آرام دہ ہوتی ہیں۔ ‘‘ میں نے پلٹ کر اسے ٹھوکر مارنی چاہی تو دونوں پولیس والوں نے مجھے پھر اپنے شکنجے میں لے لیا۔ ’’ہوش کے ناخن لو، یہ ڈنمارک ہے کوئی اسلام آباد نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ان میں سے ایک غرایا ’’ گڑبڑ کرو گے تو ہتھکڑی لگا دوں گا۔ ‘‘ ان میں سے ایک نے آگے بڑھ کر دروازہ کھولا اور دوسرے نے مجھے پیچھے سے باہر دھکیلتے ہوئے دروازہ بند کر دیا۔ دوسری منزل سے سیڑھیاں اتر کر ہم جب پولیس کی کار کے قریب پہنچے تو میں نے دیکھا کہ ایک سفید کار ہم سے کچھ فاصلے پر آن کر کھڑی ہو گئی۔ ابھی میں اسے دیکھ ہی رہا تھا کہ ایک پولیس والے نے اپنی کا ر کا پچھلا دروازہ کھول کر مجھے اندر دھکیل دیا اور خود میرے ساتھ بیٹھ گیا۔ اس کے دوسرے ساتھی نے اگلا دروازہ کھولا، اندر گھسا اور کار سٹارٹ کر دی۔ عین اس وقت جب ہم اس سفید کار کے قریب سے گزر رہے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ راحیل کیا بتاؤں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس میں سے وہی مردود، کمینہ، عظمت، ٹائی لگائے باہر نکل کر میرے گھر کی طرف جا رہا تھا۔ مجھے یوں لگا کہ اس کا خون بھی اس کی کار کے رنگ کی طرح سفید ہو چکا تھا۔ بے غیرت پیچھے مڑ مڑ کر پولیس کی گاڑی کو دیکھ رہا تھا۔ میرا یقین ہے کہ وہ سالا ابھی تک اُس کتیا ہی کے ساتھ ہو گا اور اسے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ نئی راہیں دکھا رہا ہو گا۔ ‘‘ احمد نے وہسکی کی چسکی لینے کے بعد اپنی بات جاری رکھی۔ ’’پولیس اسٹیشن پہنچ کر ایک بار پھر میرا بیان لیا گیا۔ میں نے ہر بات بتا دی۔ پولیس نے مجھے متنبہ کیا کہ خبردار اب جو میں صغریٰ کو فون کئے بغیر اور اُس کی پیشگی اجازت لئے بغیر گھر جاؤں اور گھر جاؤں تو اپنے آپ کو قابو میں رکھوں اور جھگڑے فساد سے باز رہوں۔ انہوں نے ایک ٹائپ شدہ بیان پر میرے دستخط لئے اور مجھے ہسپتال جانے کا مشورہ دیتے ہوئے حکم دیا کہ اب اپنی بیوی سے دور رہوں کیونکہ وہ مجھے اب ملنا ہی نہیں چاہتی۔ ‘‘
اس نے ہچکی آمیز لمبا سانس لیتے ہوئے پھر کہنا شروع کیا۔ ’’راحیل میں ابھی ہسپتال سے آیا تھا، اچھا ہوا تم مل گئے۔ میری سمجھ میں نہیں آ رہا کہ اس کمینی کو فون کروں تو کیسے اور گھر جاؤں تو کس منہ سے، اوّل تو میں وہاں جانا ہی نہیں چاہتا اور دوسرا وہ مجھے اجازت ہی نہیں دے گی۔ میں اس کمینی حرامن کے تیور دیکھ چکا ہوں، نجانے کب سے وہ ذلیل یہ کھیل رچائے ہوئے ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کاش مجھے وہ کمینہ یہاں بازار میں کہیں نظر آ جائے،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اس وقت تو وہ اس ماں کی گود میں ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ احمد نے پلستر میں لپٹے ہوئے اپنے ہاتھ کو دوسرے ہاتھ سے یوں سہلایا جیسے اپنی قوت کا اندازہ لگا رہا ہو۔
’’تم میرے ساتھ میرے گھر چلو، میں تو اکیلا ہی رہتا ہوں۔ ہم اس مسئلہ کا کوئی حل ڈھونڈیں گے۔ ‘‘ میں نے اسے پیشکش کرتے ہوئے ایک سگریٹ سلگا کر پیش کیا۔
’’مسئلہ کا حل تو میں ڈھونڈ چکا ہوں۔ ‘‘ اس نے پہلی بار میری آنکھوں میں آنکھیں ڈالتے ہوئے کہا۔ ’’میں ان دونوں کو زندہ نہیں چھوڑوں گا!‘‘ اس کی آنکھیں انگاروں کی طرح سرخ ہو رہی تھیں۔
’’دیکھو یہ ڈنمارک ہے، ہم کچھ بھی ہو جائیں یہاں کے لوگ ہمیں اجنبی سمجھتے ہیں، یہاں جذبات نہیں عقل سے کام لینا پڑتا ہے۔ پاکستان ہوتا تو ہم کبھی کا بدلہ چکا دیئے ہوتے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں تمھاری کیفیت سمجھتا ہوں، چلو گھر چلتے ہیں۔ جب مجھے بھائی کہہ چکے ہو تو، میری بات بھی مانو، وہ تمھارا ہی تو گھر ہے، چلو چلتے ہیں، مل کر سوچیں گے کہ کیا کیا جا سکتا ہے اور کیا نہیں !‘‘
میں نے ویٹرس کو بل لانے کا اشارہ کرتے ہوئے، احمد کی جانب دیکھا۔ وہ خاموشی سے ٹک ٹک میز کو دیکھ رہا تھا۔ ویٹرس بل لائی تو میں نے اسے پیسے ادا کرتے ہوئے احمد کو چلنے کے لئے کہا۔ وہ ابھی تک خاموش بیٹھا پتھر کا بت لگ رہا تھا۔ ’’صبر کرو، کچھ نہ کچھ بہتر ہی ہو گا۔ ‘‘ میں نے اسے اوپر اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے حوصلہ دلایا۔
ہم کیفے ٹیئریا سے باہر نکلے اور میں نے ایک ٹیکسی رکوائی اور ہم دونوں اس میں بیٹھ گئے۔ ’’ویلبی‘‘ میں نے ڈرائیور کو اپنی گلی کا نام اور مکان نمبر بتاتے ہوئے چلنے کو کہا۔ احمد سارا رستہ خاموش رہا البتہ کبھی کبھی اپنے دائیں ہاتھ کو زور زور سے اپنے گھٹنے پر مار کر غصے کا اظہار کرتا اور آپ ہی بڑبڑاتا رہا۔
گھر پہنچ کر میں نے کافی بنائی اور احمد کو پیش کرتے ہوئے، اسے آرام کرنے اور ٹھنڈے ذہن سے سوچنے کا مشورہ دیا۔ میں نے اس سے پوچھا کہ اگر اسے بھوک لگی ہو تو فریج میں سالن وغیرہ تیار رکھا ہے میں گرم کئے دیتا ہوں۔ اس کے انکار پر میں نے اصرار کرنا مناسب نہ سمجھا۔
شام کے اب پانچ بجنے والے تھے اور مجھے اپنے دور کے ایک رشتہ دار کو ملنے ٹاسٹروپ جانا تھا وہ صبح پاکستان جانے والا تھا۔ میں نے احمد سے اجازت لیتے ہوئے اسے بتایا کہ اگر اسے بھوک لگے تو فریج میں رکھا ہوا سالن گرم کر لے۔ میں نے اپنے سگریٹوں کے دو پیکٹ بھی اسے دے دیئے اور الماری میں رکھی وہسکی اور شراب کی دوسری بوتلیں بھی دکھا دیں۔ ’’یہ سب کچھ اپنا ہی سمجھو۔ ‘‘ میں نے چلتے چلتے کہا۔ ’’شاید میں وہیں رک جاؤں اگر ایسا ہوا تو صبح بہت جلدی آ جاؤں گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کوشش کرو اور کچھ نیند لے لو‘‘ میں واپس آ جاؤں گا تو کچھ نہ کچھ سوچ ہی لیں گے۔ ‘‘ میں نے اس کے کاندھے تھپتھپا کر اسے تسلی دی اور خود وہاں سے رخصت ہو گیا۔ احمد نے کسی قسم کا اظہار نہیں کیا تھا۔
میں جب ٹاسٹروپ میں اپنے عزیز رستم کے ہاں پہنچا تو وہاں پہلے ہی سے چند ایک مہمان موجود تھے جو غالباً میری ہی طرح رستم کو خدا حافظ کہنے آئے ہوئے تھے۔ میں بھی وہاں ان کے درمیان بیٹھ گیا۔ وہ طرح طرح کی باتیں کر رہے تھے، وطن کی باتیں، رشتے داروں، دوستوں اور جاننے والوں کی باتیں، فلاں کو سلام دینا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ تحفہ فلاں کے گھر خود جا کر دینا۔ وہ رستم سے طرح طرح کی فرمائشیں کر رہے تھے۔ ’’یار واپسی پر آتے ہوئے گھر کا بنا ہوا اچار ضرور لیتے آنا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور ہاں ’’ہمدرد‘‘ کی بنی ہوئی کارمینا کی گولیاں ضرور لانا یا ر میرا تو ہاضمہ ہی خراب رہتا ہے۔ ‘‘ آہستہ آہستہ کر کے جب مہمان جانے شروع ہوئے تو میں نے بھی رستم سے اجازت چاہی۔ لیکن اس نے مجھے روک لیا۔ ’’کہاں جاؤ گے یار؟ کل اتوار ہے تمہیں کونسا کام کرنا ہے۔ یہیں رک جاؤ، کونسے تمھارے بچے ہیں جو انتظار کریں گے!‘‘ وہ زور دینے لگا تھا۔ مجھے احمد یاد آ رہا تھا۔ وہ کیا سوچے گا۔ میرے گھر میں ٹیلیفون نہیں تھا ورنہ میں رستم کے گھر سے اسے فون کر دیتا۔ ‘‘ میں خیالوں میں کھویا ہوا تھا کہ رستم نے متوجہ کیا۔ ’’کیا سوچ رہے ہو؟ادھر آؤ سامان پیک کرانے میں میری مدد نہیں کرو گے؟‘‘ میں نے ہاں کہہ دی اور رات کو وہیں رک جانے کا فیصلہ کر لیا۔
رات کا کھانا وغیرہ کھانے کے بعد میں نے اس کا سامان بکسوں میں بند کرانے میں اس کی مدد کی اور اسی دوران ہم ادھر اُدھر کی باتیں بھی کرتے رہے۔ ’’یار اب کی بار تو شاید میں اکیلا واپس نہ آؤں۔ ‘‘ رستم نے مجھے بتایا کہ اس کے والدین کی خواہش ہے کہ اب اس کے وطن آنے پر اسے شادی کرنی ہی پڑے گی۔ لڑکی والے کب تک انتظار کرتے رہیں گے اب تو ایک سال منگنی کو بھی ہونے والا تھا۔ ‘‘ پھر اس نے ڈرائنگ روم میں ایک گدّا ڈال کر میرے لئے سونے کا بندوبست کر دیا اور خود اپنے سونے کے کمرے میں چلا گیا۔ میں احمد کے بارے میں مسلسل سوچ رہا تھا، پھر مجھے یاد نہیں کہ کب میری آنکھ لگ گئی۔
صبح جب میری آنکھ کھلی تو رستم باورچی خانے میں چائے بنا رہا تھا۔ میں نے منہ ہاتھ دھونے کے بعد ناشتہ بنا نے میں اس کی مدد کی اور جب ہم دونوں مل کر ناشتہ کر رہے تھے تب بھی مجھے احمد کا خیال آ رہا تھا۔ شاید بیچارے نے شام کا کھانا کھایا تھا یا نہیں۔ میں سوچ رہا تھا کہ اب تک وہ اپنے غصے پر کچھ تو قابو پا چکا ہو گا اور مستقبل کے بارے میں اس نے کچھ تو سوچا ہو گا۔
اب دس بجنے والے تھے اور رستم کو اپنے پڑوس میں رہنے والی ایک پاکستانی فیملی کے ہاں جانا تھا جس نے اسے اپنی کار میں ایئرپورٹ تک پہنچانے کا بندوبست اور وعدہ کر رکھا تھا۔ میں نے اس سے اجازت چاہی۔ ہم دونوں گلے ملے۔ وہ مجھے اپنے سینے کے ساتھ بھینچتے ہوئے بولا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’یار، راحیل! دعا کرنا، خدا میری عزت رکھ لے۔ میں آج تک اپنی ساری کمائی والدین کو بھیج دیا کرتا تھا اور اب بھی جو کچھ بچا رکھا ہے وہ بھی ساتھ لے کر جا رہا ہوں، یار بس برادری میں عزت رہ جائے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تمھیں پتہ ہی ہے کہ ہمارے ہاں شادی بیاہ پر کتنا خرچ اٹھ جاتا ہے۔ ‘‘
رستم کو الوداع کہہ کر میں اس کے گھر سے نکلا اور پیدل ہی ریلوے اسٹیشن کی طرف چل دیا۔ رستے میں سگریٹ خریدنے کے لئے میں ایک دکان میں داخل ہوا تو اچانک میری نظر ’’اخبارات کے سٹینڈ‘‘ پر پڑی تو میں دم بخود، چونک کر رہ گیا ’’ایک پاکستانی نے اپنے ہی ہم وطن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں نے جلدی میں ’’ایکسٹرا بلیڈٹ‘‘ کا ایک پرچہ اور سگریٹ کا ایک پیکٹ خریدا اور دکان سے باہر نکل کر وہیں کھڑے کھڑے خبر پڑھنی شروع کر دی، اف میرے خدا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’احمد نامی ایک پاکستانی نے اپنی بیوی کے ایک پاکستان یار کو قتل اور اپنی بیوی کو چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ ہسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ قاتل مفرور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تفصیل۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اندر کے صفحات پر ملاحظہ ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اخبار میرے ہاتھوں میں پھڑپھڑانے لگا اور سگریٹوں کا پیکٹ زمین پر گر گیا۔ ’’خدایا رستم کی شادی نہ ہونے دینا۔ ‘‘ زمین سے سگریٹوں کا پیکٹ اٹھاتے ہوئے بے اختیار میرے منہ سے دعا نکلی۔ میری گاڑی چھوٹ چکی تھی۔
٭٭٭

فیصلہ!

’’سنو!‘‘
ماہر نفسیات نے اس کے ساتھ گھنٹہ بھر تک گفتگو کرنے کے بعد، اسے اپنی جانب متوجہ کرتے ہوئے کہا۔ ’’تم ایک اچھے نوجوان ہو، تم میں وہ سبھی خوبیاں موجود ہیں جو تمھاری عمر کے نوجوانوں میں ہونی چاہئیں، لیکن ان خوبیوں کے علاوہ تم میں وہ برائیاں بھی ہیں جو تمھیں تمھاری عمر کے نوجوانوں سے الگ کرتی ہیں۔ تم ایک لیچڑ، بد لحاظ، باتونی اور ان سب سے بڑھ کر کسی نہ ماننے والے ہو۔ ‘‘ ماہر نفسیات رک رک کر ایک ایک لفظ پر روز دیتے ہوئے بولتا جا رہا تھا۔ اور اس کی گہری نگاہیں اپنے سامنے کرسی پر بیٹھے ہوئے امجد کے چہرے پر ٹکیں اس کے اتار چڑھاؤ کا جائزہ لے رہی تھیں۔
’’تم اعصابی تناؤ کی وجہ سے ذہنی کمزوری کا شکار ہو جس کی وجہ سے تمھیں یادداشت کا مسئلہ درپیش ہے۔ تم آوارہ مزاج، خیالی دنیا میں آوارگی کے رسیا اور کافی حد تک آرام طلب ہو اور سب کچھ تمھارے لیچڑ پن کا سبب بن رہا ہے لیکن،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ماہر نفسیات ایک لمحہ بھر کو کچھ کہتے کہتے رکا اور پھر بولا ’’چھوڑو ان سب باتوں کو، اور غور سے سنو! یہ باتیں کسی بیماری کا نام نہیں اور نہ ہی تمھیں کسی قسم کی جسمانی یا ذہنی بیماری لاحق ہے، ہاں البتہ!‘‘ ابھی ماہر نفسیات مزید کچھ کہنے ہی والا تھا کہ امجد نے ایک قسم کے اندرونی کرب کو اندر ہی اندر دباتے ہوئے کرسی پر پہلو بدلا اور ایک طرح سے ماہر نفسیات کے معائناتی کمرے کا جائزہ لیتے ہوئے ماہر نفسیات کو گھورنے والی نگاہوں سے دیکھا۔ کمرے میں ایک لمحے کے لئے گہری خاموشی بلکہ سناٹا چھا گیا تھا اور وہ دونوں اپنی اپنی کرسی پر بیٹھے ایک دوسرے کو یوں ٹک ٹک دیکھ رہے تھے گویا پتھر کے دو بت ایک دوسرے کے سامنے روبرو ہوں۔
’’تم کیا سوچ رہے ہو؟‘‘ آخر ماہر نفسیات نے خاموشی توڑتے ہوئے اپنے سوال کا پتھر پھینکا۔ امجد نے اپنے بدن میں ایک چھوٹا سا جھٹکا محسوس کیا اور پھر جیسے وہ اپنے آپ میں لوٹ آیا۔
’’میں،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں توبالکل کچھ بھی نہیں سوچ رہا۔ مجھے تو خود تم نے بس سننے کو کہا تھا۔ ‘‘ اب وہ پھر پتھر کا بت بن گیا تھا لیکن اس کی آنکھوں کی پتلیاں بڑی تیزی سے اوپر نیچے حرکت کر رہی تھیں۔
’’سنو!، یہاں میرے ہاں تمھیں کسی شرم و حجاب کی ضرورت نہیں، بلکہ تمھیں اپنے آپ کو کھول دینا چاہیے۔ ‘‘ ماہر نفسیات نے اب پھر آہستہ آہستہ بولنا شروع کیا ْ ’’بیباکی اور ایماندارانہ بیباکی ہی تمھاری مشکلات کا ازالہ کر سکتی ہے اور جب تک تم قطعی طور پر میرے ساتھ کھل کر بات نہیں کرو گے مجھے تمھاری مدد کرنے میں مشکل ہو گی۔ ممکن ہے میں تمھاری مدد ہی نہ کر سکوں۔ ‘‘ ماہر نفسیات آگے کچھ کہتے کہتے رک گیا اور امجد کو گہری مطالعاتی نگاہ سے دیکھنے گلا۔ امجد ابھی تک ٹک ٹک دیدم، کرسی پر بیٹھا اپنے ہاتھوں کی انگلیوں سے اپنے گھٹنوں پر ایک طرح سے تھاپ دے رہا تھا۔ لیکن وہ پھر یکدم چونکا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’تم کہہ رہے تھے؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ اتنی آہستہ آواز میں بولا کہ جیسے اس نے خود سے کوئی سرگوشی کی ہو۔
’’ہاں میں کہہ رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ماہر نفسیات نے بات آگے بڑھانے کے لئے ادھر اُدھر دیکھا اور پھر بولا۔ ’’میں کہہ رہا تھا کہ تمھیں پریشان ہونے یا ندامت محسوس کرنے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں اور جو کوئی بھی بات ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جو تم خاص طور پر کرنا چاہتے ہو، بے دھڑک کرو، میں پہلے بھی تمھیں دو بار اپنی ملاقاتوں میں یہی کہتا رہا ہوں۔ آج بھی تمھارے ساتھ گفتگو کے دوران میں نے اب تک جو کچھ محسوس کیا ہے وہ کوئی خاص نہیں،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ کوئی خاص بات نہیں کہ تمھارا خیال ہے کہ تمھاری شادی اوّل تو ابھی ہونی ہی نہیں چاہیے تھی اور اب جو ہوئی ہے تو تمھاری مرضی کے خلاف ایک ایسی لڑکی سے جو تمھیں پسند نہیں اور تم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بس اس بات کو اپنے لئے روگ بنا بیٹھے ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ماہر نفسیات نے محسوس کیا کہ امجد اب اس کی باتیں توجہ سے سن رہا تھا اور غالباً کان بھی دھر رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’تمھیں اپنے آپ میں مضبوط بننا اور خود اعتمادی پیدا کرنی ہو گی اور تمھیں اپنی زندگی،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میرا مطلب ہے، اپنی ازدواجی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ایک نیا موڑ مڑنا ہو گا۔ میں تمھاری ہر طرح سے مدد کرنے کو تیار ہوں اور تمھاری بھلائی چاہتا ہوں۔ ‘‘ ماہر نفسیات اب قدرے رک کر پھر بولا۔
’’میں تمھارے پاکستانیوں کے مذہب، تمھاری ثقافت، رسم و رواج اور پھر تم لوگوں کی خاندانی روایات کو بھی سمجھتا ہوں اور مجھے یہاں ڈینش معاشرے میں جوان ہونے والے تم نوجوان غیر ملکیوں میں پائے جانے والے سماجی و ثقافتی تضادات کا بھی علم ہے۔ اب جو کچھ میں کر سکتا ہوں کر رہا ہوں۔ میری دسترس اب صرف اور صرف تم تک ہے۔ میں تمھارے والدین کو وہاں نہیں لے جا سکتا جہاں سے وہ کوسوں آگے نکل جانے کے باوجود، تمھارے خیال میں میلوں پیچھے ہیں۔ انہوں نے بھی آخر اس ’’اجنبی ماحول‘‘ کا کچھ تو اثر لیا ہے۔ ‘‘ ماہر نفسیات نے لمحہ بھر کے لئے امجد کو دیکھا اور اپنی بات جاری رکھی۔
’’میں تمھیں، تمھارے والدین کے ماضی سے وابستہ کرنے کی کوشش نہیں کر رہا ہوں اور نہ ہی میرا مطلب یہ ہے کہ تم اپنے والدین سے دور ہو جاؤ بلکہ میں تو چاہتا ہوں کہ اگر تمھارے اور تمھارے والدین کے درمیان فاصلہ کم نہیں ہو سکتا تو اسے مزید بڑھنا بھی نہیں چاہیے، لیکن میری الجھن یہ ہے کہ یہ ممکن ہو تو کیسے؟ اس کے لئے تم کو ہی کچھ کرنا ہو گا۔ حالات سے سمجھوتے کے لئے خود اعتمادی، یا پھر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ماہر نفسیات نے بات ادھوری چھوڑ دی اور اپنی گھڑی پر وقت دیکھنے لگا۔
’’۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یا پھر کیا؟‘‘ امجد نے بھی کمرے کی دیوار پر لگے ہوئے کلاک کی طرف دیکھتے ہوئے پوچھا۔
’’پھر کیا! اس کا فیصلہ خود تمھیں کرنا ہو گا۔ میں تمھیں یقین دلاتا ہوں کہ اگر تم نے خود اعتمادی سے کوئی بھی فیصلہ کر لیا تو پھر تمھیں پریشانی نہیں ہو گی۔ ہاں، بس ایک بات سمجھ لو کہ تمھیں اپنے آپ پر ہی اعتماد کرنا ہو گا، اور یہ بھی جان لو کہ یہ بیکار کی باتیں، ہر وقت کا لیچڑپن، بے روزگاری، گھر پر ماں باپ سے تو تو میں میں کی تکرار اور فرار، ان سب سے بڑھ کر وہ جو تمھاری بیوی ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔، کچھ بھی ہے اخلاقی و قانونی لحاظ سے ابھی تک تمھاری ہی بیوی ہے اس سے تو تمھارا روّیہ یوں نہیں ہونا چاہیے۔ اب تمھیں کتنے دن ہو گئے ہیں گھر گئے ہوئے؟ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ تمھیں کم سے کم گھر والوں کو فون تو کرنا چاہیے۔ یوں اُن سے چھپے رہنے اور فرار اختیار کرنے کا فائدہ؟‘‘ ماہر نفسیات بولتا جا رہا تھا۔
’’میں تمھیں یقین دلاتا ہوں کہ تم نے اگر اپنے والدین کے درمیان اس فاصلے کو طے کر لیا تو تمھیں پچھتانا نہیں پڑے گا اور نہ ہی یوں اپنے آپ میں موم بتی کی طرح جلتے اور پگھلتے رہنا پڑے گا۔ اپنی حالت تو دیکھو، اور اس سے بڑھ کر کچھ تو سوچو کہ وہ بیچاری جو صرف تمھاری وجہ سے اب یہاں ڈنمارک آئی ہے اور تمھاری بیوی ہے اس طرح اُس سے علیحدگی، اُس پر کس طرح اثر انداز ہو رہی ہو گی آخر کبھی اس پہلو پر بھی تو غور کرو، اس بیچارگی کی اندرونی کیفیت کیا ہو گی؟‘‘ یہ کہتے ہوئے ماہر نفسیات نے اپنے میز پر جھک کر ایک کاغذ پر کچھ لکھ کر اسے فائل میں لگا دیا۔ ’’ہاں، میں نے تمھارے والدین کو بھی یہ مشورہ دیا تھا کہ تم دونوں کو، میرا مطلب ہے تمھیں اور تمھاری بیوی کو اب اپنا الگ مکان یا فلیٹ لے لینا چاہیے تاکہ تم دونوں اکٹھے رہ کر اپنے مسئلہ کا شاید کوئی حل تلاش کر لو۔ ‘‘ اب ماہر نفسیات نے کاغذ کی ایک پرچی پر ایک تاریخ لکھ کر امجد کو تھمائی ’’اگلے ہفتے، بدھ کے روز ٹھیک ایک بجے پھر آنا۔ ‘‘ وہ بولا۔ ’’ہاں آج گھر ضرور جانا اور اپنا رویہ ذرا درست رکھنا اور، اپنی بیوی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ کیا نام ہے اُس کا؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں، یاد آیا، صوفیہ، کتنا خوبصورت نام ہے اس سے پیار سے پیش آنے کی کوشش کرنا، او، کے!‘‘
ماہر نفسیات کے اپنی کرسی سے اٹھتے ہوئے امجد سے ہاتھ ملایا اور اسے ایک طرح سے اپنے کلینک کے دروازے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بولا۔ ’’اب اگلے ہفتے آنا یاد رکھنا۔ ‘‘
امجد کلینک سے نکل کر لفٹ کے ذریعے، چوتھی منزل سے جب سڑک پر آیا تو اسے یوں محسوس ہوا جیسے کسی جیل کی بند کوٹھڑی سے کھلی فضا میں آ گیا ہو۔ اسے بازار کی رونق، لوگوں کی بھیڑ بھاڑ، مسکراتے چہرے بڑے پیارے لگ رہے تھے۔ وہ اس بھیڑ میں سے اپنا راستہ بناتا ہوا آگے بڑھتا جا رہا تھا۔ اب وہ چلتے چلتے شہر کے اُس چوراہے پر آن نکلا تھا جہاں سماج کے ہر پہلو پر احتجاج کرنے والے اور بے روزگار نوجوان لڑکے لڑکیوں کا ہر وقت ہجوم رہتا تھا۔ ادھر اُدھر دیکھتے ہوئے وہ بھی دیوار کے ساتھ ایک بڑے سے پتھر پر بیٹھ گیا۔ ’’حرامی پلّا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !‘‘ اس نے کچھ ہی دیر پہلے ماہر نفسیات کے ساتھ اپنی ملاقات کے متعلق سوچتے ہوئے خود سے سرگوشی کی۔ ’’اسے میرے والدین اور میرے درمیان فاصلہ تو نظر آتا ہے لیکن وہ اس کی وجہ کبھی نہیں جان پایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ حرامی !‘‘ وہ مسلسل سوچ رہا تھا کہ اس کے احتجاج کے باوجود اس کے والدین نے اس کی شادی اس کی پھوپھی زاد، صوفیہ سے کر دی تھی۔ اسے یاد آیا کہ کس طرح اس کے والدین اسے اپنے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے لئے پاکستان لے گئے تھے اور جاتے ہی کس طرح انہوں نے اسے شادی کے بندھن میں باندھ دیا تھا۔ ’’گھبراؤ نہیں صوفیہ گھر ہی کی لڑکی ہے وہ تمھاری خوب خدمت خاطر کیا کرے گی، بھئی وہ تو معصوم گائے ہے جو کہو گے کر لے گی۔ ‘‘اس کے والد نے اسے شادی کے روز گلے سے لگاتے ہوئے کہا تھا۔ اسے وہ واقعہ تو بہت اچھی طرح یاد تھا جب صوفیہ کے یہاں کوپن ہیگن آ جانے کے بعد وہ پہلی بار صوفیہ کے لئے ایک پتلون خرید کر لایا تھا۔ اس نے وہ پتلون پہن تو لی اور اس کی تعریف بھی بہت کی لیکن اس نے شام کو امجد کے ساتھ باہر کلب جانے سے صاف انکار کر دیا تھا اور اس پر گھر میں ہنگامہ کھڑا ہو گیا تھا۔ امجد کا باپ صوفیہ کی طرفداری کر رہا تھا اور ماں ان تینوں کو سمجھانے کی کوشش کر رہی تھی۔
’’امجد تم نے کبھی مجھے کلب جاتے ہوئے دیکھا ہے، یا کبھی تمھارے باپ نے اس طرح مجھ سے کوئی تقاضا کیا ہے؟ وہ اپنی بوڑھی ماں کی اس بات پر اس شام ہنسے بغیر نہیں رہ سکا تھا۔ ’’ماں، تمھارے دل میں اگر خواہش ہے تو کیوں پوری نہیں کر لیتی ہو، آخر یہاں تمھاری عمر کی عورتوں کے بھی تو کلب ہیں۔ ‘‘ اسے اپنی کہی ہوئی بات آج بھی یاد تھی۔ اس کی اس بات پر اس کے باپ نے اسے تھپڑ دے مارا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ’’حرامی کی اولاد! اب تمھاری یہ جرأت، ماں کو کلب جانے کا کہہ رہا ہے۔ ‘‘ اس کا باپ چیخ رہا تھا۔
’’یہ سب کچھ تمھارا ہی کیا دھرا ہے، ہمارا ایک ہی تو بچہ ہے، کہہ کہہ کر تم نے اسے ناک پر چڑھایا اور اب اس کی یہ ہمت کہ تمھیں کلب جانے کا مشورہ دے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ حرامی پاکستانی، اپنے آپ کو ڈینش سمجھتا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ڈینش کتا!‘‘ صوفیہ یہ سب کچھ دیکھ اور سن رہی تھی اور خوفزدہ بھی تھی، اسے ڈنمارک آئے ابھی دو ماہ بھی نہیں ہوئے تھے۔
امجد وہیں بیٹھے بیٹھے خیالات کے دھارے میں بہت پیچھے نکل گیا تھا۔ اسے اپنی ہم جماعت مارینا کی یاد آئی جو سکول سے کالج تک اُس کے ساتھ پڑھتی رہی تھی۔ اپنی شادی کے بعد جب کبھی گھر میں اس کی باپ کے ساتھ تو تکار ہوئی یا صوفیہ سے ان بن، وہ کتنی ہی بار مارینا کے گھر پر راتیں بسر کر چکا تھا۔ وہ اکیلی رہتی تھی اور کسی جگہ ’’جزوقتی ‘‘ملازمت بھی کرتی تھی۔
’’وہی تو ہے جو مجھے، میرے جذبات اور میرے خیالات کو سمجھتی ہے۔ ‘‘ اس نے اپنے جوتے کا تسمہ ٹھیک سے باندھتے ہوئے خود کلامی کی۔ پھر اسے کوئی دو ماہ پہلے کا وہ واقعہ یاد آ گیا جب وہ اپنی گلی کے موڑ پرمارینا کے ساتھ کھڑا باتیں کر رہا تھا۔ اس کا باپ، جو اپنے کام سے فارغ ہو کر گھر آ رہا تھا وہ وہاں آن نکلا اور اس نے کچھ جانے پوچھے بغیر نہ صرف خود اسے بلکہ مارینا کو بھی برا بھلا کہنا شروع کر دیا تھا اور جاتے جاتے وہ مارینا کو اس کی ٹانگیں توڑ دینے کی دھمکی بھی دے گیا تھا۔ در اصل اس دن سے امجد کے دل میں اپنے باپ کے خلاف نفرت کی جڑیں اور بھی گہری ہو گئی تھیں۔ پچھلے دو ماہ سے جب سے اس کی ماں پاکستان گئی ہوئی تھی وہ گھر بھی نہیں آیا تھا اور’ ’نوجوانوں کے ایک فلاحی گھر‘‘ میں رہ رہا تھا۔
امجد کالج سے فارغ ہونے کے بعد کمپیوٹر کا ایک کورس کرنے کے باوجود بے روزگار تھا اور محض ’’بے روزگاری الاؤنس‘‘ پاتا تھا جو اس کا باپ ہتھیا لیتا تھا کہ پاکستان میں زیر تعمیر کوٹھی کے لئے رقم کی ضرورت تھی۔ امجد کی شادی ہوئے اب کوئی ایک سال ہونے کو آیا تھا لیکن صوفیہ کے ساتھ اس کی ابھی تک بن نہیں پائی تھی۔ صوفیہ نے اس کی توجہ حاصل کرنے کے لئے کئی جتن کئے لیکن امجد کے روّیے میں کوئی فرق نہ آیا۔ امجد اسے محض دیہاتن اور وہ بھی ایسی جو گاؤں کی تنگ و تاریک کوٹھڑی سے اٹھ کر کوپن ہیگن جیسے شہر کی چکا چوند، آنکھوں کو چوندھیا دینے والی روشنی میں آ گئی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’چمگادڑ‘‘ اس کے سوا وہ صوفیہ کو اور کچھ بھی نہیں سمجھتا تھا۔
اسے یاد آیا کی کس طرح ایک دن جب ہلکی ہلکی دھوپ میں وہ اور صوفیہ گھر کے پچھواڑے میں باغیچے میں بیٹھے تھے اور وہ اسے مختلف پھولوں کی اقسام اور ان کے خوش رنگوں اور ناموں کے متعلق بتا رہا تھا کہ وہ یکدم اچھل کر کودی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’دیکھو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ دیکھو، وہ ادھر، اوی اللہ! مینڈکچی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ مینڈکچی!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہائے اللہ یہ یہاں بھی ہوتی ہیں ؟‘‘ وہ یہ کہتی ہوئی قہقہے لگاتی امجد کو متوجہ کر رہی تھی اور وہ حیران کھڑا سوچ رہا تھا کہ اس دیہاتن کو گھاس میں گھسی چھپی ہوئی مینڈکچی تو نظر آ گئی لیکن وہ پھولوں پر اڑتی ہوئیں رنگ برنگی تتلیوں کو نہیں دیکھ سکی تھی۔ وہ اپنے خیالوں میں کھویا ہوا اپنے دوست فرمان کے متعلق سوچنے لگا۔ وہ دونوں ایک ساتھ پڑھتے تھے۔ فرمان کے والدین لاہور سے تھے اور اس نے پڑھائی ختم کرتے ہی اپنے گھر والوں سے الگ ہو کر دو کمروں والا ایک فلیٹ کرائے پر لے لیا تھا اور وہاں رہنے لگا تھا۔ اس کے والدین پہلے تو اسے پسند نہیں کیا تھا اور انہوں نے اس پر احتجاج بھی کیا لیکن پھو خود ہی خاموش بھی ہو گئے تھے۔ اسے یاد آیا کہ فرمان نے کس طرح اپنی زندگی خود بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک جگہ کام بھی شروع کر دیا ہوا تھا اور اب تو اس کے پاس اپنی کار بھی تھی۔
فرمان کبھی کبھی امجد سے ملنے اس کے گھر بھی آ جایا کرتا تھا۔ اس موقعہ پر امجد کا باپ اگر گھر پر ہوتا تو وہ نہ صرف فرمان کے سامنے امجد کی بے عزتی کرنے میں پیچھے نہ رہتا بلکہ وہ فرمان کو بھی خوب سناتا۔ ’’ذلیل! سوچو تو تمھارے ماں باپ نے تمھاری کونسی خواہش پوری نہیں کی اور تم نے ان کو یہ صلہ دیا کہ پوری برادری میں ان کی کاٹ کٹوا دی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب کتے کی طرح نہ گھر کے ہو نہ گھاٹ کے!‘‘
فرمان یہ لعن طعن سننے کے باوجود بس مسکرا دیا کرتا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’چچا جی۔ ۔ ۔ ۔ روز روز کی کھینچا تانی سے یہ بہتر ہے کہ میں ہی الگ ہو گیا ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن میں نے ان سے بالکل تعلق بھی تو نہیں توڑا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ اس کا ایک ہی جواب ہوتا تھا۔ ’’میرے والدین میرے سر آنکھوں پر لیکن میری زندگی میری ہے انہیں کیا اختیار کہ وہ مجھ سے بات تک کئے بغیر میرے متعلق فیصلے کرتے پھریں،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ چچا جی! میں کوئی نیلامی کا مال تو ہوں نہیں !‘‘
فرمان کا خیال آتے ہی امجد اپنی قسمت میں اذیت ناکی اور ازدواجی بے رحمی کے لئے خود کو الزام دینے لگا۔ ’’میں بھی فرمان کی طرح پہلے ہی والدین سے الگ ہو گیا ہوتا، تو یہ دن اور یہ نوبت تو نہ آتی۔ ‘‘ اب وہ پھر گہری سوچ میں تھا۔ ’’اگر صوفیہ تم کو قبول نہیں تو پھر اس سے الگ کیوں نہیں ہو جاتے ہو؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ طلاق دے دو!‘‘ اسے فرمان کا مشورہ یاد آ رہا تھا۔ ’’آخر کون سی قیامت ٹوٹ پڑے گی، پاکستان میں بھی تو لوگ طلاق دیتے ہی ہیں نا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آخر اس کا بھی تو سوچو، وہ کیسے بسر کر رہی ہو گی!‘‘
وہ اپنی جگہ سے اٹھا اور چلنے ہی کو تھا کہ اسے احساس ہو ا کہ اس کے جوتے کا تسمہ پھر ڈھیلا پڑ گیا تھا۔ اس نے جھک کر تسمہ کس کر باندھا اور ایک بھر پور انگڑائی لے کر آگے چل دیا۔ ایک طرح سے بے خبری میں وہ اپنے سامنے والی سڑک پر نکل آیا تھا اور اپنے اردگرد کی بھیڑ سے بے خبر جا رہا تھا۔ ’ دو ماہ‘‘۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اسے خیال آیا کہ وہ پچھلے پورے دو ماہ سے نہ گھر گیا تھا اور نہ ہی کبھی اس نے کوئی فون کیا تھا۔ ’’نوجوانوں کے فلاحی گھر‘‘ میں رہتے ہوئے اسے اپنے ارد گرد کی خبر ہی نہیں رہی تھی۔ بس مہینے میں ایک بار ماہر نفسیات سے ملاقات اور پھر آج کی بات چیت اور وہ بھی بے فائدہ۔ وہ اکثر و بیشتر اپنے کمرے میں پڑا رہتا تھا یا پھر وقت گزاری کے لئے آوارہ گردی اس کا معمول بن چکا تھا۔ ’’اچھا تو پھر آج ایسا ہی سہی‘‘ اس نے تیز تیز قدم اٹھاتے ہوئے خود سے سرگوشی کی۔ ’’اس کی وجہ سے میں کیوں مصیبت اٹھاتا پھروں۔ ‘‘ اس نے فیصلہ کن انداز میں سوچا۔ ’’آج میں یہ قصّہ پاک ہی کر دوں گا!‘‘
اب وہ ریلوے اسٹیشن کی عمارت کے اندر داخل ہو چکا تھا۔ ’’ابھی کچھ وقت ہے۔ ‘‘ اس نے ٹکٹ خریدنے کے بعد، دیوار پر لگے بڑے کلاک پر نگاہ ڈالتے ہوئے سوچا اور کیفے ٹیریا کی طرف چل دیا۔
وہاں اس نے اپنے لئے ’’بلیک لیبل‘‘ کی ٹھنڈی بیئر کی ایک بوتل خریدی اور ایک کونے میں جا بیٹھا اور بڑے اشتیاق کے ساتھ بیئر کو گلاس میں انڈیل کر غٹاغٹ یوں پی گیا جیسے مدتوں کا پیاسا ہو یا سپنے میں لگی آگ بجھا رہا ہو۔ ابھی اس نے آخری گھونٹ حلق سے نیچے اتارا ہی تھا کہ اسے اپنا سر قدرے چکراتا ہو ا لگا۔ اب اسے یاد آیا کہ وہ تو صبح سے ہی بھوکا تھا۔ اسے اپنی پیٹھ پر ہلکی سی کپکی کا احساس ہوا لیکن اس کے ساتھ ہی وہ اُٹھ کھڑا ہوا اور کیفے ٹیریا سے باہر نکل کر آہستہ آہستہ پلیٹ فارم کی طرف چل دیا۔ اس کے خیالات اب ابھر کر اس کے سامنے آنے لگے تھے۔ اس کے لئے دو ٹوک فیصلے کا وقت قریب آ رہا تھا۔
ابھی وہ پلیٹ فارم پر پہنچا ہی تھا کہ ویلبی جانے والی گاڑی بھی پہنچ گئی۔ وہ مسافروں کی بھیڑ میں اپنے لئے راستہ بناتا ہوا گاڑی کے کمرے میں داخل ہو ا اور پھر خود کو ایک نشست پر گرا دیا۔
’’آج یہ معاملہ طے ہو کر ہی رہے گا۔ ‘‘ وہ گہری سوچ میں گم تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’ادھر یا اُدھر!‘‘ وہ زیر لب بڑبڑایا۔
ریل گاڑی فراٹے بھرتی جا رہی تھی اور خیالات اس کے ذہن میں گاڑی کی رفتار سے بھی تیزی کے ساتھ آ جا رہے تھے۔
’’کتنا ہی اچھا ہو اگر ماں پاکستان سے واپس نہ آئی ہو،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آج تو میں باپ کو بولنے کا موقع ہی نہیں دوں گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’طلاق، طلاق اور بس قصہ پاک۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !‘‘ اور پھر گاڑی ویلبی اسٹیشن پر رکی تو وہ یوں چھلانگ لگاتا ہوا کمرے سے باہر نکلا جیسے وہ تندور کی آگ میں گرا ہوا تھا۔ اب وہ اپنے آپ میں قدرے مطمئن دکھائی دے رہا تھا اور کوشش کر رہا تھا کہ کسی جاننے والے کی نظر میں نہ آئے۔
اس نے اسٹیشن کی عمارت سے باہر نکل کر سیدھا گھر کا رخ کیا۔ خیالات ابھی تک اس کے ذہن میں تانے بانے بن رہے تھے۔ ’’آج تو بس روز روز کا جھگڑا ختم ہو جائے گا۔ ‘‘ اس نے چلتے چلتے سوچا اور گردن گھما کر پیچھے دیکھا۔ یہ محض اس کا وہم تھا، اپنے پیچھے اسے اپنے لمبے سائے کے سوا کوئی بھی تو دکھائی نہیں دیا تھا۔ اس نے چلتے چلتے اپنے کوٹ کی بائیں جیب میں پڑے سکوں کو اپنے ہاتھ کی مٹھی میں دبا لیا۔ اسے اپنی مٹھی میں سکوں کے علاوہ ایک کاغذ کی موجودگی کا بھی احساس ہوا جسے اس نے باہر نکال کر
دیکھا تویہ ماہر نفسیات کی دی ہوئی ’’ملاقاتی تاریخ‘‘ والی پرچی تھی۔ ’’حرامی سوچتا ہے کہ میں بار بار اسی کے ہاں آتا رہوں گا۔ ‘‘ اس نے پرچی مروڑ کر ایک طرف پھینکتے ہوئے سوچا اور آگے چلتا گیا۔ اب وہ اپنے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر تھا کہ وہ اپنے آپ میں اس طرح بھینچ گیا جیسے سردی کی وجہ سے ٹھٹھر رہا ہو۔ پھر اس نے اپنی ساری قوت جمع کر کے چلتے چلتے اپنے بازوؤں کو ہوا میں یوں لہرایا جیسے اڑنے کی کوشش کر رہا ہو۔ وہ اس عجیب اتفاق پر دل ہی دل میں خوش تھا کہ گلی میں کسی جاننے والے سے سامنا نہیں ہوا تھا ورنہ یہاں اس وقت کوئی نہ کوئی تو ضرور مل جایا کرتا تھا۔ اسے ایک لمحے کے لئے ’’مارینا‘‘ کا خیال آیا۔ ’’شاید بار میں ہو، لیکن بھاڑ میں جائے اس وقت۔ ‘‘ اس نے سوچا۔ ’’آج تو بس۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !‘‘ وہ اس سے آگے کچھ نہ سوچ سکا اب وہ اپنے گھر کے دروازے پر کھڑا گھنٹی بجا رہا تھا۔ دو تین بار گھنٹی بجانے کے باوجود بھی جب کسی نے دروازہ نہ کھولا تو اس نے ایک بار پھر زور سے گھنٹی بجاتے ہوئے غصّے کے ساتھ زمین پر تھوکا۔ ’’کم بخت پتہ نہیں کہاں مر گئے ہیں ؟‘‘ وہ زیر لب بڑبڑایا۔ عین اسی لمحے پڑوس والا پاکستانی اکبر نجانے کہاں سے نمودار ہو گیا۔ ’’تم اب آئے ہو!‘‘ وہ امجد کو کھا جانے والے نظروں سے دیکھتے ہوئے بولا۔ ‘‘ اب آئے ہو جب کچھ بھی نہیں رہا۔ تمھارا باپ تو پاکستان چلا گیا ہے اور ماں تمھاری پہلے ہی وہاں ہے۔ ‘‘
’’وہ کب پاکستان گیا۔ ۔ ۔ ۔ اور۔ ۔ ۔ ۔ اور، وہ صوفیہ!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا وہ بھی پاکستان چلی گئی ہے؟‘‘ ایک طرح کی اپنی اندرونی کپکپی پر قابو پاتے ہوئے امجد نے بوڑھے پنشنر اکبر سے پو چھا۔
’’یہ اسی کمینی ہی کی تو کرتوت ہے!‘‘ اکبر غصّے کے ساتھ زور دیتے ہوئے بولا اور پھر یکدم اس کا لہجہ دھیما پڑ گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’یہ اس کی کرتوت نہیں، یہ قصور تمھارا ہے، صرف تمھارا!، نہ تم ایسا کرتے اور نہ تمھارے والدین اور خاندان کو یہ دن دیکھنے پڑتے۔ ‘‘
’’کون سے دن؟، میں تمھاری بات نہیں سمجھ سکا۔ ‘‘ امجد بولا۔
’’یہی دن! وہ تمھاری بیوی دو ہفتے ہوئے گھر چھوڑ کر پاکستان چلی گئی تھی اور جانے سے پہلے تمھارے باپ کے نام خط چھوڑ گئی تھی کہ وہ تم سے طلاق لے رہی ہے اور بس ‘‘ اکبر دانت پیستے ہوئے بولا۔ ’’تمھاری ماں تو ابھی پاکستان سے واپس نہیں آئی تھی۔ تمھارا باپ کیا کرتا، پاگلوں کی طرح اس نے خود تمھیں تلاش کیا۔ تمھارے دوستوں سے پوچھا، وہ کہاں کہاں نہ گیا، تمھارا کوئی اتا پتا نہ چلا۔ تمھارے دوستوں نے تو تمھارے بارے میں شائد کچھ بھی نہ بتانے کی قسم کھائی ہوئی تھی۔ تمھارے باپ کا خیال تھا کہ تمھاری بیوی کو پاکستان بھجوانے میں بھی تمھارے ہی کسی دوست کا ہاتھ ہے۔ اب وہ خود بھی پچھلے ہفتے سے پاکستان چلا گیا ہوا ہے اور وہ کہتا تھا کہ وہ وہاں تمھاری پھوپھی سے مل کر معاملہ ٹھیک کر لیں گے اور وہ تمھاری بیوی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ اسے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ساتھ لے کر ہی واپس آئیں گے۔ ‘‘ اکبر اپنے غصّے پر قابو پاتے ہوئے بولے ہی جا رہا تھا اور امجد گم سم پتھر کے بت کی طرح کھڑا اسے مسلسل گھورے جا رہا تھا۔ ’’تو مطلب یہ ہوا کہ اس نے مجھے فیصلہ کرنے کی بھی مہلت نہیں دی۔ ‘‘ امجد کے ذہن میں خیال آیا۔ ’’وہ گائے نہیں مکار لومڑی سے بھی بد تر نکلی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پہلے ہی مجھ پر وار بھی کر گئی۔ ‘‘ اب وہ مزید کچھ نہیں سننا چاہتا تھا اور وہاں سے واپس مڑ جانا چاہتا تھا۔ ابھی وہ ایسا کرنے کے لئے سوچ ہی رہا تھا کہ سامنے سے گلی کی نیم روشنی میں دو سائے اسے اپنی جانب آتے دکھائی دیئے لیکن اس نے کوئی خاص توجہ نہ دی بلکہ وہ اپنی ہی سوچ میں گم یوں کھڑا تھا گویا اس کے وجود میں جان ہی نہ ہو۔ ابھی وہ پوری طرح سنبھل بھی نہ پایا تھا کہ اسے اکبر کی غصّے سے کانپتی ہوئی آواز سنائی دی۔
’’تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو، تو کمینی ابھی تک یہاں ڈنمارک ہی میں ہے، اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ، مردود!،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ کون ہے، تیرا یار۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
اکبر کے چلانے سے امجد اپنے آپ میں ذرا سنبھل چکا تھا۔ اس کے سامنے دو سائے نہیں بلکہ اب اس کا اپنا دوست فرمان کھڑا تھا اور اس نے صوفیہ کا ہاتھ تھام رکھا تھا۔
’’فرمان۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ تم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟‘‘ اس نے دیکھا کہ فرمان اور صوفیہ گھر کے دروازے کی طرف قدم اٹھا رہے تھے۔
’’ہاں، امجد! صوفیہ اپنا سامان لینے آئی ہے۔ ‘‘ فرمان چلتے چلتے رک گیا تھا۔ ’’صوفیہ کا وکیل اس کی طرف سے تمھیں علیحدگی کا نوٹس پہلے ہی بھیج چکا ہوا ہے۔ تم جانتے ہو یہ ڈنمارک ہے پاکستان نہیں، ہم دونوں نے اب اکٹھا رہنے اور پھر شادی کر لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ فرمان بڑے اعتماد کے ساتھ بول رہا تھا اور اُس کے ہر ایک لفظ میں وزن تھا۔ ’’تم خود بھی یہی چاہتے تھے نا کہ اس سے الگ ہو جاؤ۔ ‘‘ ادھر صوفیہ گھر کے دروازے کی دہلیز پر کھڑی ’’چابی‘‘ ہوا میں اچھالتے ہوئے اسے بلا رہی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ فرمان۔ ۔ ۔ ۔ ۔ فرمان!‘‘
اکبر پنشنر یہ سب کچھ دیکھنے اور سننے کے بعد دم بخود رہ گیا تھا اور اُس نے وہاں سے کھسک جانے ہی میں اپنی بھلائی سمجھی۔
’’یہ ہمارا اپنا قصور ہے جو اپنی اولادوں کو اس مادر پدر آزاد ملک میں لے آئے۔ ‘‘ وہ چلتے چلتے زیر لب بڑبڑا رہا تھا۔ ’’ہم نے اپنے بچوں کے عوض دولت کو ترجیح دی۔ ‘‘
امجد کچھ کہے بغیر سر جھکائے آہستہ آہستہ اکبر کے پیچھے پیچھے ہو لیا لیکن چند ہی قدم چلنے کے بعد رک گیا۔ اسے محسوس ہوا کہ اس کے دائیں جوتے کا تسمہ پھر ڈھیلا پڑ گیا ہے۔ اس نے جھک کر اسے کس کر باندھنا چاہا، لیکن نہیں، تسمہ ڈھیلا نہیں پڑا تھا بلکہ ٹوٹ چکا تھا۔ اب وہ ایک پاؤں میں بن تسمے کے جوتا پہنے یوں چل رہا تھا کہ اسے اپنا توازن برقرار رکھنا مشکل ہو رہا تھا۔ اب وہ گلی کے موڑ پر بار کے قریب پہنچ چکا تھا اور خود کو ہلکا سمجھ رہا تھا اور اس کے چہرے پر ایک طرح سے تازگی اور ہونٹوں پر بناوٹی سی مسکراہٹ تھی۔ ابھی وہ بار کے دروازے سے اندر داخل ہونے ہی والا تھا کہ کسی نے دوسری طرف اندر سے یکدم دروازہ کھول دیا جس کی وجہ سے خود اسے دروازے سے کچھ پیچھے ہٹنا پڑا۔ ایک نوجوان ہٹّ اکٹّا ’’سکن ہیڈ‘‘ ڈینش، نشے میں دھت ایک لڑکی کو اپنے بازوؤں پر اُٹھائے بار سے باہر نکل رہا تھا۔
’’اے پاکی باسٹڈ!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پیچھے ہٹو!!‘‘ وہ سکن ہیڈ آگے بڑھتا ہوا چلایا۔
امجد نے ذرا گردن گھما کر دیکھا تو وہ لڑکی ’’مارینا‘‘ تھی۔ اس کے بال کھلے ہوئے تھے اور اسکرٹ ہوا سے اڑ رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’مارینا۔ ۔ ۔ ۔ !‘‘ وہ ہکا بکا رہ گیا اور بار میں داخل ہونے کی بجائے تیز تیز قدم اٹھاتا ہوا ریلوے اسٹیشن کی طرف چل دیا۔ تھوڑی دور آگے چل کر وہ لمحہ بھر کے لئے ایک جگہ رک کر یوں نیچے جھکا جیسے کچھ تلاش کر رہا ہو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب وہ پھر چلنے لگا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ چل نہیں بلکہ اب بھاگ رہا تھا۔ اس کی گاڑی چلنے میں زیادہ منٹ باقی نہیں رہ گئے تھے۔
گاڑی میں داخل ہوتے ہی اس نے ایک گہرا لمبا سانس لیا۔ وہ ایک طرح سے ہانپ بھی رہا تھا۔ اب اُس نے سیٹ پر بیٹھ کر بڑے اطمینان سے گہرا سانس لیا اور اپنی بند مٹھّی کھول کر کچھ دیکھنے لگا۔ ’’اگلے ہفتے، بدھ کے روز، ٹھیک ایک بجے۔ ‘‘ یہ ماہر نفسیات کی دی ہوئی وہ پرچی تھی جو اس نے واپسی پر جھک کر اٹھائی تھی۔ اس نے اسے تہہ کر کے جیب میں ڈالتے ہوئے اپنی آنکھیں موند لیں۔ گاڑی اپنی پوری رفتار سے خراٹے بھرتی کوپن ہیگن کی طرف جا رہی تھی۔
٭٭٭

قسط در قسط زندگی

فون کی گھنٹی مسلسل بج رہی تھی۔
کرستینا نے ریسیور اُٹھایا۔
’’میں تجھے کئی بار فون کر چکی ہوں۔ ‘‘ یہ اس کی چھوٹی بہن کیتھرینا کی آواز تھی۔
’’میں سو رہی تھی۔ ‘‘ کرستینا بولی۔
’’اس وقت! دن کا ایک بج رہا ہے!!‘‘
’’میں رات کو ٹھیک طرح سے سو نہیں سکی۔ ‘‘ کرستینا نے وضاحت کی۔
’’کیوں ؟‘‘
’’رات کو تین بجے کے قریب میری آنکھ کھل گئی تھی۔ ‘‘
’’کوئی بھوت آ گیا تھا کیا؟‘‘ کیتھرینا نے پو چھا۔
’’باورچی خانے میں پرانے فریج سے اتنی ڈرا دینے والی آوازیں نکل رہی تھیں۔ میں سمجھی کوئی گڑ بڑ کرنے والا ہے۔ ‘‘ کرستینا نے بتایا۔ ’’یہ تو تم جانتی ہی ہو کہ اخبارات آج کل کیا کیا لکھ رہے ہیں۔ بڑے بڑے شہروں کے پرانے وسطی علاقوں میں کسی عورت کا اکیلی ہونا اُس کی زندگی کے لئے خطرہ ہو سکتا ہے۔ ‘‘
’’میں نے ایک ضروری کام کے لئے تمھیں فون کیا ہے۔ ‘‘ کیتھرینا بولی۔
’’بتاؤ۔ ‘‘
’’مجھے ایک کورس پر جانا ہے۔ ‘‘
’’تو پھر جاؤ نا۔ ‘‘
’’کیا تم میرے بچوں کی دیکھ بھال کر سکو گی؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ صرف تین دن کے لئے!‘‘
’’ضرور کرتی، مگر میں تو بیمار ہوں۔ ‘‘
’’لیکن اب تو تم ٹھیک ہو!‘‘ کیتھرینا نے اُس کی بات کاٹی۔ ’’میرے بچوں کی دیکھ بھال کر سکنے والا تمھارے علاوہ اور کوئی ہو بھی نہیں سکتا نا!،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تم گھر پر ہی تو ہوتی ہو۔ ‘‘
’’ہاں، لیکن بیماری کی وجہ سے میں ایسا نہیں کر سکتی۔ ‘‘ کرستینا نے اپنا فیصلہ سنا دیا تھا۔
کیتھرینا نے زور سے فون بند کر دیا تھا۔ ’’نامعقول، کاہل، ہڈ حرام۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !‘‘ وہ نجانے کیا کیا کہہ رہی تھی۔
کیتھریناکے ساتھ کرستینا کا یہ رویہ معمولی بات نہ تھی۔ اپنی بہن کے اس رویے پر کرستینا حیران و پریشان ہو کر رہ گئی تھی۔ اب اُس کے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ اُس نے اعصابی قوت کی ایک گولی کھائی اور کمبل اوڑھ کر صوفے پر لیٹ گئی تھی۔ اُسے اپنی تنہائی کا بار بار خیال آ رہا تھا۔ تنہائی،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ انفلوئینزا بخار اوپر سے اپنی بہن کی یوں طعنہ زنی۔ ’’کیا کیتھرینا میری صورتِ حال نہیں سمجھ سکتی؟‘‘ اس نے خود سے سوال کیا۔
کمبل اوڑھے، ابھی وہ آدھ موئی سے لیٹی ہوئی تھی کہ کوئی گھنٹے بعد، فون کی گھنٹی پھر بجی۔ یہ اُس دکان کا مالک تھا جہاں وہ کام کرتی تھی۔
’’کیا تم کام پر واپس آسکتی ہو؟‘‘ وہ پوچھ رہا تھا۔ ’’اب تو تم صحت یاب ہو چکی ہو گی!‘‘ وہ مسلسل بولے جا رہا تھا۔ ’’سنو! آج کل ’’سیل کا سیزن‘‘ سر پر ہے۔ تمھاری موجودگی بہت ضروری ہے۔ ‘‘
کرستینا بار بار اپنی بیماری کا بتا رہی تھی۔ لیکن وہ کرستینا کو کام پر آنے کے لئے اصرار کر رہا تھا۔ باتوں باتوں میں اُس نے یہ بھی جتلا دیا تھا کہ وہ اب تین ماہ سے غیر حاضر ہے۔ اور اگر اب بھی وہ بیمار ہی ہے تو پھر ’’سیزن کی سیل‘‘ میں اُس کی جگہ کوئی نہ کوئی نئی ملازمہ بھرتی کرنی پڑے گی۔
’’کوئی بھی میری بیماری کو سمجھ کیوں نہیں پاتا؟‘‘ فون پر جب گفتگو ختم ہوئی تو کرستینا پھر سوچنے لگی۔ ’’یہ گفتگو تو نہیں، یہ تو یکطرفہ دھمکی تھی،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ملازمت سے بر طرف کر دینے کی دھمکی۔ ‘‘ وہ اپنا سر پکڑ کر بیٹھ گئی تھی۔ ’’دوسروں کے لئے اپنی وجوہات کی بنا پر باتیں کرنا کتنا آسان ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ شاید یہ لوگ مجھے محض بہانہ ساز سمجھتے ہیں۔ ‘‘ وہ پھر صوفے پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی۔
پچھلے کئی دنوں سے اُس کی یہ عادت سی ہو گئی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ رونا، سونا، سوتے میں ڈراؤنے خواب دیکھنا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہڑ بڑا کر اُٹھ بیٹھنا، رونا، سوچنا اور پھر،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پھر کمبل اور پھر اسے یاد نہیں رہتا تھا کہ وہ سو رہی تھی یا محض لیٹی ہوئی تھی۔
چند دنوں کے بعد کرستینا اپنے طبی معائنے کے لئے معینہ وقت پر اپنے ڈاکٹر کے ہاں گئی۔ ڈاکٹر نے معائنے کے بعد اُسے بتایا کہ وہ اب بالکل ٹھیک اور رو بصحت ہے۔ اپنی صحت یابی کا سن کر وہ ایک طرح سے چکرا سی گئی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’لیکن میں کام پر نہیں جاؤں گی۔ ‘‘ وہ خود کلامی کے سے انداز میں زیر لب بولی۔ ’’سیزن کی سیل شروع ہونے سے پہلے تو ہر گز نہیں جاؤں گی!‘‘
کرستینا نے اپنی صورتِ حال کی وجہ سے، ڈاکٹر کو اپنی بے خوابی و اعصابی تناؤ اور چڑچڑے پن کے بارے میں بتایا۔ اُس نے اپنے لئے ڈاکٹر سے کوئی سخت قسم کی گولیوں کی درخواست کی۔ پہلے والی گولیاں کوئی خاص اثر نہیں دکھا رہی تھیں۔ اپنے اعصاب کو اعتدال اور قابو میں رکھنے کے لئے اُسے دن میں کئی کئی بار یہ گولیاں کھانی پڑتی تھیں۔ اور اس سلسلے میں وہ ڈاکٹر کی ہدایات کو بھی نظر انداز کرنے لگی تھی۔ وہ اکثر رات میں جاگ پڑتی تھی۔
ڈاکٹر اُسے رو بصحت قرار دے چکا تھا۔ اُس کا اصرار تھا کہ اُسے اب مزید گولیوں کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں تھی۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اعصابی قوت اور خواب آور، دو مختلف قسم کی گولیوں کا یوں ایک ساتھ، مسلسل استعمال اور اس کا رد عمل، کرستینا کی صحت کے لئے مستقبل میں سخت مضر ثابت ہو سکتا ہے۔ کرستینا اپنے لئے گولیوں کو ضروری سمجھ رہی تھی۔
ڈاکٹر نے اُسے مشورہ دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ گولیوں پر انحصار کرنے کی بجائے، لوگوں سے میل ملاپ کے ذریعے اپنے روز و شب میں تبدیلی کے لئے کوشش کرے۔ کیونکہ اس کی بیماری کی اصل وجہ یہی تھی کہ اُس نے اپنے آپ کو با لکل تنہا کر لیا ہوا تھا اور اپنے ہی اندر بند ہو کر رہ گئی ہوئی تھی۔
’’کچھوے کو دیکھنے اور چلنے کے لئے اپنی آنکھیں اور ٹانگیں اپنی کھوپڑی سے خود ہی باہر نکالنی ہوتی ہیں۔ ‘‘ ڈاکٹر کا کہا ہوا جملہ اُسے یاد آ رہا تھا۔ ڈاکٹر نے گولیاں دینے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ کرستینا سخت بھنی ہوئی کلینک سے باہر نکلی۔ وہ اتنی بپھری ہوئی تھی کی اُس نے بس پکڑنے کی بجائے ٹیکسی لی اور سیدھی گھر پہنچ گئی۔
اس نے اپنے لئے کافی کی ایک پیالی تیار کی لیکن، اسے پینے کی اس میں ہمت نہ ہو سکی۔ اُس کے ہاتھ کانپ رہے تھے۔ اور انگلیاں خود بخود، مٹھی کی طرح بند ہونے لگی تھیں۔ اُس نے اعصابی تناؤ کی تین گولیاں ایک ساتھ کھائیں اور ٹھنڈی کافی کی دو تین چسکیاں لے کر، منہ بناتے ہوئے پیالی واپس رکھ دی تھی۔
’’مجھے واقعی اتنی گولیاں نہیں کھانی چاہئیں۔ ‘‘ جوں جوں اس کی طبعیت سنبھلتی جا رہی تھی، وہ سوچ رہی تھی۔ ’’پیٹر کا یوں اُسے طلاق دے دینا، تنہائی، انفلوئینزا بخار۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ وہ اندر سے ٹوٹ چکی تھی۔ یہ سب کچھ پیٹر ہی کی وجہ سے ہوا تھا۔ وہ اس کی پشت میں چھرا گھونپ گیا تھا۔
کرستینا آج شام ہی سے سوتی رہی تھی۔ جب اُس کی آنکھ کھلی تو رات کا کچھ حصہ ابھی باقی تھا۔ رات، کمرے کا سناٹا اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تنہائی، اور اس ماحول میں وقفے وقفے سے کہیں سے آنے والی آوازیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ ابھی تک نیم وا آنکھوں سے، بستر ہی میں لیٹی ہوئی تھی۔
اب صبح ہو چکی تھی۔ اس کے ذہن میں پچھلے روز کے واقعات اُبھرنے لگے تھے۔ ’’ڈاکٹر کو اُسے گولیاں دینے میں کیا ممانعت تھی!‘‘ وہ ڈاکٹر کے سخت رویے پر سوچ رہی تھی۔ ’’کیا تھا اگر وہ نسخہ لکھ دیتا! میں ابھی کام نہیں کر سکتی۔ دوکان پر کھڑے ہو کر گاہکوں کو بھگتانا، یہ کیسے ممکن تھا؟‘‘
پچھلے کافی عرصے سے گھر پر ہی رہنے سے وہ کھانا کھانے میں بھی پابند نہیں رہی تھی۔ چاکلیٹ، بسکٹ اور اسی طرح کی دوسری اشیاء اس کا مرغوب کھاجا بن چکی تھیں۔ اس کا وزن بڑھ گیا تھا اور اپنے آپ کو ہی بھدی دکھائی دینے لگی تھی۔ ’’اتنے بھدے بدن کے ساتھ دوکان پر گاہکوں کا سامنا؟‘‘ وہ سوچ رہی تھی۔ ’’گاہک دوکان میں ضرورت کی اشیاء سے کہیں زیادہ کام کرنے والی لڑکیوں پر نگاہیں ڈالتے ہیں۔ مجھے اپنا وزن ہر صورت میں کم کرنا ہو گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایک دو ہفتوں میں، ہاں، میں اپنی پہلی والی جسامت بحال کر سکتی ہوں !‘‘
وہ بستر سے اٹھی اور ڈرائنگ روم میں آ کر صوفے پر بیٹھ گئی۔ اُس نے اپنے کام والی دوکان پر مالک کو فون کیا۔ ’’میں ایک دو ہفتوں میں بالکل ٹھیک ہو جاؤں گی۔ میں نے ڈاکٹر سے معائنہ کرایا تھا،۔ ۔ ۔ ۔ ۔
میں سیزن کی سیل تک تو کام پر ضرور آ جاؤں گی۔ ‘‘ اس نے مالک کو بتایا۔ اُس نے اپنی دوسری مشکلات کا ذکر جان بوجھ کر نہیں کیا تھا۔ مالک فون پر اس کی باتیں یوں سن رہا تھا گویا اسے پرواہ ہی نہیں تھی۔ وہ محض ہوں، ہاں کے سوا کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کر رہا تھا اور، جب کرستینا اُسے یقین دلا رہی تھی کہ وہ ایک دو ہفتوں میں کام پر واپس آ جائے گی، تو وہ بڑی بے رخی سے بولا۔ ’’کرستینا میں نے خود بھی تمھارے ڈاکٹر سے بات کی تھی۔ تم جو کہہ رہی ہو، تمھارا ڈاکٹر تو اس کا بالکل اُلٹ بتا رہا تھا۔ ‘‘ کرستینا کو اپنے کانوں پر یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ مالک بول رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’کیا یہ اتنی کمینی حرکت بھی کر سکتا ہے؟ اور وہ ڈاکٹر، حرامی پلّہ! سور!!‘‘ اس نے فون بند کر دیا تھا۔
اُس رات وہ صوفے پر ہی سوتی رہی تھی۔ جب اس کی آنکھ کھلی تو اسے بیڈروم میں سے کچھ کھٹ کھٹ کی سی آواز سنائی دی۔ ’’شاید کوئی چور ہے، یہ اندر کیسے داخل ہوا،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا میں اتنی ہی بے خبری سے سوتی رہی ہوں۔ میں نے نیند کی گولیاں تو نہیں کھائیں تھیں !، شاید کھائی تھیں ؟‘‘ وہ انجانے خوف میں سوچ رہی تھی۔ خوف، گھبراہٹ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خوف، آوازیں بڑھتی جا رہی تھیں۔ اُس نے پولیس کو فون کرنے کے لئے ابھی سوچا ہی تھا کہ بیڈ روم سے ایک جھٹکے کی آواز سنائی دی۔ ’’اوہ!۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں بھی کتنی بیوقوف ہوں۔ کمرے کی کھڑکی تو میں نے خود ہی کھلی رکھی تھی۔ تیز ہوا کے جھونکوں سے یہ کھڑکی ہی کے پٹ ہل رہے ہیں۔ ‘‘ ابھی صبح ہونے میں دیر تھی۔
کرستینا نے اپنی خواب آور گولیوں والی شیشی اُٹھائی۔ ’’صرف دو ہی گولیاں !‘‘ اس نے سوچا۔ ’’یہ کیسے؟ میں نے شام کتنی گولیاں کھائیں تھیں ؟‘‘ اسے کچھ بھی یاد نہیں آ رہا تھا۔
اس نے اُٹھ کر الماری میں کتابوں کے پیچھے چھپائی ہوئی ایک شیشی تلاش کی۔ اس میں کچھ گولیاں تھیں۔ خواب آور اور اعصابی قوت کی گولیاں۔ اس نے سخت ضرورت کے تحت استعمال کی غرض سے یہ گولیاں خود ہی چھپا رکھی تھیں۔ اس کا سر پھٹ رہا تھا اور ہاتھ کانپ رہے تھے۔ چور کا خوف دل میں پھر داخل ہو گیا تھا۔ وہ سب کچھ بھول جانا چاہتی تھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ چور، خوف، دوکان مالک۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ڈاکٹر، پیٹر، کیتھرینا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اُس نے گولیاں کھائیں اور پھر وہ صوفے کی طرف لڑکھڑا رہی تھی۔
اُسے یوں محسوس ہوا جیسے کوئی اس کے چہرے کو ہاتھوں میں لئے تھپتھپا رہا ہو اور کوئی دوسرا اُس کی چھاتیوں اور ناف کے درمیان اپنے ہاتھوں سے اُس کے پیٹ کو دبا رہا تھا۔ اُسے اپنا حلق خشک، سانس
رکتی ہوئی اور سر درد سے پھٹتا ہوا محسوس ہو رہا تھا۔ اس نے آنکھیں کھولنے کی کوشش کی۔ عجیب طرح کے کپڑے پہنے، اجنبی چہروں والے سائے اس کے گرد جمع تھے۔ وہ ہڑبڑا اٹھی۔ ’’یہ سب کچھ کیا ہے؟ کیا میں کوئی ڈراؤنا خواب دیکھ رہی ہوں ؟ میری گولیاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کہاں ہیں ؟۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میری گولیاں ! میری گولیاں !! وہ ایک طرح سے چیخ رہی تھی۔ ’’میں کہاں ہوں ؟‘‘
’’تمھیں کوئی گولی وغیرہ نہیں چاہیے!‘‘ اسے ایک تحکمانہ سی افسرانہ آواز سنائی دی۔ ’’تم پہلے ہی بہت زیادہ گولیاں نگل چکی ہو!‘‘ اس کے سامنے کچھ چہرے سے اُبھرنے لگے تھے۔ کیتھرینا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور، سفید وردیوں والے ہسپتال کے عملے والوں کے چہرے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ’’یہ سب کیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔، میں کہاں ہوں ؟‘‘ اب وہ ہسپتال کے بستر پر بیٹھی ہوئی تھی۔ ’’تو میں کوئی خواب نہیں دیکھ رہی ہوں۔ ‘‘ اس نے سوچا۔ کیتھرینا نے اُسے اپنی بانہوں میں لے رکھا تھا۔
’’کیتھرینا! تم یہاں کیسے؟ یہ سب کچھ،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ میں کیا دیکھ رہی ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ ہسپتال؟‘‘ کرستینا کی سمجھ میں کچھ بھی نہیں آ رہا تھا۔ اُسے یہ بھی خیال نہیں تھا کہ اب رات نہیں تھی بلکہ آدھا دن بھی گزر چکا تھا۔ ایک ڈاکٹر نے اُسے بازو سے پکڑ کر بستر سے نیچے اترنے میں مدد کی۔ وہ مسکرا تو رہا تھا لیکن اس کی آنکھوں میں کرستینا کے لئے ایک عجیب قسم کا انتباہ بھی تھا۔
کیتھرینا کا سہارا لئے، ٹیکسی کے ذریعے جب وہ گھر پہنچی تو اسے معلوم ہوا کہ صبح سویرے، بہت تڑکے، کیتھرینا نے اُسے یہ بتانے کے لئے فون کیا تھا کہ بچوں کی نگہداشت کا بندوبست ہو گیا تھا اور اسے فکر کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ کئی بار گھنٹیاں بجنے کے بعد، جب کرستینا نے فون اُٹھایا تو اس کی آواز عجیب مردنی سی تھی اور وہ بات کرنے کی بجائے غوں غاں کر رہی تھی۔ اس کی سانس اکھڑی اکھڑی، خراٹوں کی طرح سنائی دے رہی تھی ------- اور پھر ریسیور گر گیا تھا۔ کیتھرینا جب یہ سب کچھ بتا رہی تھی، کرستینا کو کچھ بھی یاد نہیں آ رہا تھا۔
کیتھرینا کے خیال میں کرستینا نے زیادہ تعداد میں گولیاں کھا لی تھیں اور وہ شاید خود کشی کرنے والی تھی۔ وہ اپنے تمام کام کاج چھوڑ کر، کرستینا کے گھر آ گئی تھی اور اُس نے پیٹر کو بھی فون کر دیا تھا۔ اور وہ بھی پہنچ گیا تھا۔ کرستینا کو ہسپتال لے جانے کے لئے، ایمبولینس کو فون بھی اسی ہی نے کہا تھا۔ اور پھر ہسپتال میں ڈاکٹروں نے اس کا معدہ خالی کر کے اُسے بچا لیا تھا۔ اور اب وہ پھر اپنے گھر پر تھی۔ پیٹر بھی ہسپتال گیا تھا لیکن اُس کو ہوش میں آتے دیکھ کر وہاں سے چلا گیا تھا۔ پیٹر کو ڈر تھا کہ وہ اسے دیکھ کر اُس پر برس پڑے گی۔ کیتھرینا اور پیٹر دونوں کو یقین تھا کہ اس نے خود کشی کی کوشش کی تھی۔ اُسے ہسپتال لے جانے سے پہلے وہ دونوں گھر پر اُس کی گولیوں والی خالی شیشی دیکھ چکے تھے۔ اُن کو کسی اور ثبوت کی ضرورت ہی نہ تھی۔ یہ پوری شیشی کرستینا ہی نے تو خالی کی تھی۔
وہ اکیلی بیٹھی، گہری سوچ میں غرق تھی۔ کیتھرینا اُسے تسلی دے کر جا چکی تھی۔ ’’میں انہیں کیسے یقین دلاؤں کہ میں نے خود کشی کی کوشش نہیں کی تھی۔ ‘‘ سوچ کے سمندر میں بھنور پڑنے لگے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پیٹر! وہ تو کبھی مانے گا ہی نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں ان سب کو یہ کیسے یقین کراؤں کہ میں زندہ رہنا چاہتی ہوں۔ زندگی ہی کی خواہش میں، میں نے اعصابی تناؤ دور کرنے اور کچھ نیند لینے کے لئے گولیاں کھائیں تھیں۔ سوچتے سوچتے اس کے ہاتھ کانپنے لگے تھے اور انگلیاں، ہتھیلیوں کی جانب اندر کو مڑنے لگیں تھیں۔ گولیاں !۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خالی شیشی!! اپنی اس صورت حال پر اُسے کچھ بھی نہیں سوجھ رہا تھا۔ وہ اپنی پوری قوت جمع کر کے اٹھی اور اپنے علاقے کے محکمۂ صحت کے دفتر میں فون کر دیا۔
’’میں اپنا ڈاکٹر بدلنا چاہتی ہوں،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں، ہاں ! اسی وقت!! مجھے نیا ڈاکٹر چاہیے۔ ‘‘ وہ دوسری طرف سے کچھ سنے بغیر بولے جا رہی تھی، میرا نام کرستینا ہے، کرستینا آنڈرسن، اور شناختی کارڈ نمبر ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں، اچھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہاں میں جانتی ہوں، وہ ڈاکٹر، ہاں تم اسے فون کر دو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بہت اچھا، ہاں، ہاں میں سمجھ گئی۔ میں اس کا کلینک جانتی ہوں۔ تمھارا شکریہ،۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں سمجھ گئی ہوں۔ ٹھیک ہے۔ ‘‘ اُس نے فون بند کر دیا تھا۔
نئے ڈاکٹر کے کلینک سے باہر نکلتے وقت اس کے ہاتھ میں اعصابی قوت کی گولیوں کی ایک نئی شیشی تھی۔ نئے ڈاکٹر نے اُسے خواب آور گولیاں خریدنے کے لئے نہ صرف نسخہ بھی لکھ دیا تھا بلکہ ایک ماہر نفسیات کے ہاں ملاقات کا وقت بھی مقرر کرا دیا تھا۔
’’کرسٹینا کبھی خود کشی نہیں کرے گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کرستینا زندہ ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کرستینا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ زندہ رہے گی۔ ‘‘ ایک ٹیکسی کو رکنے کا اشارہ کرتے ہوئے وہ خود کلامی کر رہی تھی۔
٭٭٭

مصنف کے تشکر کے ساتھ جنہوں نے اس کی فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

قسط در قسط زندگی