قندیل اور دوسرے افسانے
وقار مسعود
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
قندیل
ہینڈز اَپ ! خبردار اگر کوئی حرکت کی تو....بولو جان پیاری ہے تمہیں ؟
ہاں !ہے پیاری....
تو پھر ہینڈز ڈاؤن ....آنکھیں بند کر کے ہاتھ پیچھے باندھ لو اس کے علاوہ بدن میں جنبش نہیں ہونی چاہیے۔
اس نے خاموشی سے ہاتھ پیچھے باندھ لئے....
شاباش اب سچ سچ بتاؤ....مجھ سے کتنا پیار کرتے ہو....جھوٹ بولنے کی کوشش مت کرنا ورنہ ....فقرہ ادھورا چھوڑ دیا گیا....
زیّاد نے دونوں بازو کھول کر دائیں بائیں پھیلا دیئے اور منہ پھاڑ کر بولا....اتنا....اتنا پیار کرتا ہوں۔
ہاتھ پیچھے ہی باندھے رکھو جاہل.... کیا مرنے کا ارادہ ہے؟
ہاں ....تمہارے ہاتھوں ہی مرنے کا ارادہ ہے....میٹھے میٹھے ہاتھوں سے میٹھی میٹھی موت....
شٹ اَپ....وہ چلائی....فری ہو جاؤ....اور منہ بسور کر بیڈ پر جا کے بیٹھ گئی۔
وہ دونوں ایک دوسرے کی جان ہی تو تھے۔زیّاد اور قندیل کی جان ایک دوسرے کے جسم میں بسی تھی۔اور زیّاد کو اپنی جان پیاری کیوں نہ ہوتی۔اِسی وجہ سے اسے چار و ناچار قندیل کا ہر حکم بلا چوں چراں ماننا پڑتا تھا۔قندیل زیّاد کے ماموں کی بیٹی تھی۔قندیل نے بچپن سے اب تک ہر سانس اِسی گھر کی فضا میں لیا تھا۔ماں اسے جنم دیتے ہی چل بسی اور باپ اجنبی افراد کی گولیوں کا شکار ہو کر راہ عدم کو سدھار گیا۔اُس دن سے آج تک قندیل ماموں کے ہاں یعنی زیّاد کے ساتھ پلی بڑھی تھی۔
جب سے زیّاد کے رشتے کی بات چل رہی تھی تب سے قندیل کے سپنوں کی مشعل دن بہ دن دھیمی پڑتی جا رہی تھی۔قدموں میں سُست روی اور خیالوں میں نا شائستگی پیدا ہو رہی تھی۔وہ اکیلی کر بھی کیا سکتی تھی،صرف وہ دونوں ہی جانتے تھے کہ دنیا کی آنکھ کے پسِ پردہ اندر ہی اندر ان کے دلوں میں محبت کے چراغ روشن ہیں ، عشق کی تانیں رقص کرتی ہیں۔نہ چاہتے ہوئے بھی اسے زیّاد کی شادی کے بارے میں کھسر پھسر میں شریک ہونا پڑتا، ماموں ممانی کو نت نئے مشورے دینے پڑتے،قندیل کو بچپن سے ہی سینے میں درد کی شکایت رہتی تھی۔ اب پتھروں جیسے بھاری بھاری دکھ اس کے دل پر باری باری برس رہے تھے اور وہ زیّاد کیسا لڑکا تھا کہ زبان پر خاموشی کا قفل باندھے لا پرواہ بندر کی اچھلتا پھرتا تھا۔کہتا تھا....
میری مرضی کے بغیر کون کرا سکتا ہے میری شادی....اوں ہوں ....ناممکن....تم دیکھنا کہ میری بارات تمہارے ہی در پر آئے گی۔تمہیں دلہنیا بنا کر ، ڈولی میں بٹھا کر، سجا کر اپنے گھر لے آؤں گا۔مگر افسوس کہ تم ڈولی میں نہیں بیٹھ سکتیں ....
یہ سنتے ہی قندو روشن دان کی طرح غصے سے آنکھیں کھول کر پوچھتی....کیوں ؟....اور وہ دانش مندی سے سمجھانے بیٹھ جاتا....دیکھو بھئی ....ایک ہی گھر کی اوپر والی منزل سے نیچے قدم رنجہ فرمانے کے لئے ڈولی تو نہیں منگوائی جا سکتی لیکن میں زینوں پہ ہتھیلیاں اور پلکیں بچھا دوں گا۔قالین کو گلاب پتیوں سے سجا دوں گا۔اور قندو بڑی مشکل سے اپنے منہ زور دل کو سمجھا پاتی کہ بندیا اسی کے ماتھے پر سجے گی۔
زیّاد کی غیر موجودگی میں جب رشتے کروانے والی ماسیاں بڑے زور و شور سے ممانی کو کسی لڑکی کے اوصاف گنوا کر انہیں قائل کرنے کی کوشش کرتی تو قندو بڑی معصومیت سے اس لڑکی کی صورت سیرت میں خامی نکال کر اسے قطار سے باہر کروا دیتی۔ممانی کے رشتہ داروں میں بھی دور پار تک کوئی جوان جہان لڑکی نہ تھی کہ اسی کو زیّاد سے بیاہ دیتے اور قندو پر ان کی نظر ہی کیوں پڑتی۔وہ تو شروع سے زیاد کے ساتھ کھیلتی کودتی جوان ہوئی تھی۔مگر بے حس ماموں ممانی کو یہ کون سمجھا پاتا کہ بچپن سے اکٹھے پروان چڑھنے والے ایک دوسرے کے لیے اپنے مزاج بدل دیتے ہیں اور ایسا ہی تو ان دونوں کے درمیان ہوا تھا۔
پچھلے پانچ سات بر س کے کسی سرمئی موسم میں ایک دن جھجکتے ہوئے زیّاد نے اس سے کہا....قندو میں تمہارے بنا جی نہیں سکتا....اور وہ کھلکھلا کر ہنس پڑی تھی....اپنے جذبات کا ایسا بھونڈا مذاق بنتا دیکھ کر پہلے تو اُس کی رگِ مردانگی پھڑکی لیکن وہ شرافت سے سوالی بنا بیٹھا رہا۔پھر بولا....
قندو مجھے تم سے....لیکن گردن جھکا کر خاموش ہو گیا۔
ہاں بولو....بولو شاباش ....تم بول سکتے ہو....تم میں ہمت ہے....قندو نے اسے دلاسہ دیا....وہ ٹانگیں پلنگ سے نیچے لٹکائے بیٹھی تھی۔
زیّاد فرش پر آلتی پالتی مار کے بیٹھ گیا۔ہتھیلیاں قندو کے گھٹنوں پر رکھ کر وہاں اپنا چہرہ رکھ دیا اور گلا کھنکھار کر بولا....تم کتنی اچھی ہو نا....
وہ تو میں ہوں ....قندیل نے فضا میں ہاتھ لہرائے....
مجھے تم سے پیار ہے....پیار کرتا ہوں میں تم سے....وہ رکے بغیر بولتا چلا گیا....جیسے مال گاڑی کے ڈبے پٹڑی پر کھیلتے بچوں کی ٹمٹماتی آنکھوں کے سامنے سے ایک ایک کر کے گزرتے چلے جاتے ہیں ،اسی طرح وہ بھی کہتا چلا گیا۔
قندو نے سکون سے اس کے چہرے کو ہٹایا اور بیڈ پر لیٹ گئی۔زیّاد نے نیچے بیٹھے بیٹھے گدے پر ہی چہرہ ٹکا دیا اور کہنے لگا۔کچھ کہو نا تم بھی....
وہ آہستگی سے بولی....ہم بچپن سے پیار ہی تو کرتے آئے ہیں۔ہمارے کھیل کود، لڑائی جھگڑے،ضد اور من مانی میں محبت کا عنصر ہی تو شامل ہے۔کیا وجہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے اتنے قریب ہیں۔دور بھی تو ہو سکتے تھے۔لازمی تو نہیں کہ ایک ہی ماحول میں دو خون اگر اکٹھے رہیں تو ان میں مماثلت پیدا ہو جائے....یگانگت پید ا ہو جائے۔مگر ایسا ہی ہوا....کیونکر ہوا....زیّاد اس کی وجہ پیار ہی تو ہے۔تم نے مجھے محبت کی مورت بنا دیا ہے۔اپنی ذات کے ذرے ذرے کو میرے جسم میں بسا دیا ہے۔مَیں مَیں نہیں تم ہوں ....تم ہو زیّاد تم ہو۔مجھ میں تم زندہ ہو۔میرا جسم میرا اور نام میرا ہے۔باقی سب کا سب تم ہو اور آئندہ یہ بات میں تمہیں کبھی نہیں سمجھاؤں گی۔وہ کروٹ بدل کر سسکیاں لینے لگی۔
اس روز کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کو یقین دلانے کے لئے قسمیں نہیں اٹھائیں۔کوئی مصدقہ دلائل پیش نہیں کیے۔آنکھوں ہی آنکھوں میں مستقبل کے عہد و پیمان باندھ رکھے۔
ایک دن بابا نے زیّاد کو بلوایا اور بولے....بیٹا تم تو جانتے ہو کہ آج کل تمہاری شادی کی بات چل رہی ہے تو تم اپنے آپ کو ذہنی طور پر تیار کر لو....
یہ سب اچانک....وہ چونک پڑا....لیکن لڑکی کون ہے؟
تم بے فکر رہو....کسی بہت ہی اچھے گھرانے کی سلیقہ مند لڑکی ہو گی۔
قندیل کے بارے میں کیا خیال ہے آپ کا....زیاد آخر کار بول ہی پڑا....
وہ مسرت کے عالم میں کمرے میں ٹہل رہے تھے۔یکدم رک گئے اور بولے....تم اتنے بڑے ہو کر بھی بچوں جیسی باتیں کرتے ہو یہ مجھے آج معلوم ہوا۔
اس میں بچگانہ بات کونسی ہے۔اس نے برا سا منہ بناتے ہوئے پوچھا۔
طفلانہ بات یہ ہے برخوردار کہ تمہاری شادی اگر اس سے کروانی ہوتی تو میں تم سے یہ کہتا کہ جلد از جلد تمہاری شادی قندو سے ہونے والی ہے مگر تم نے میری بات چیت کے دوران کہیں اس کا نام سنا؟
لیکن میں اس سے پیار کرتا ہوں بابا....ہم دونوں کا بچپن کا ساتھ ہے۔میں وہ سب کیسے بھلاؤں گا اور وہ بھی....
میں تمہاری زندگی کو رسے کے پل کے ساتھ نہیں باندھ سکتا زیّاد....کہ ہواؤں کے جھکڑ سے اکھڑ کر گہری کھائی میں بے یارو مددگار لٹکتا رہ جائے۔
لیکن اُس میں ایسی کونسی خرابی ہے بابا؟ وہ میرے ساتھ جینے کے سپنے دیکھتی ہے اور وہ ہی نہیں ، میں بھی تو شریک ہوں خواب سجانے میں ....
تو دیکھنے دو سپنے....سجانے دو محل....وہ ہماری بیٹی ہے۔ہمارا فرض ہے کہ کسی بہت ہی اچھے گھر میں اس کی شادی کروائیں۔وہ بہت خوش رہے....آگے اس کی قسمت کہ زندگی کتنے دن اس کے جسم میں بسیرا کرتی ہے۔مگر تم اس کو یکسر بھول جاؤ....
آپ مجھے نا فرمانی کرنے پر مجبور کر رہے ہیں ....
زیّاد ! وہ طیش میں آ گئے۔پھر موقع کی مناسبت کو سمجھتے ہوئے شفقت سے بولے....یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ بیمار ہے۔ذرا سی بات اس کو ہسپتال پہنچا دیتی ہے۔میں تمہاری زندگی اس کے ساتھ باندھ نہیں سکتا۔مجھے معاف کر دینا بیٹا۔میرے جیتے جی یہ ناممکن ہے اور وہ تیزی سے باہر نکل گئے۔
شِٹ....اس نے غصے سے میز پر مُکّا دے مارا۔پھر درد کی شدت سے ہاتھ کو سہلانے لگا۔یہ درد اس نے خود ہی تو پالا تھا۔ضروری تو نہیں تھا کہ وہ شروع سے اکٹھے رہتے آئے ہیں تو ایک دوسرے کی ذات میں پناہ تلاش کرتے....یہ درد اس نے خود ہی تو پالا تھا....بالکل اِس مُکّے کے درد کی طرح....
شام کو وہ قندو کو بابا کے فیصلے سے آگاہ کرنے کے لئے اس کے کمرے میں گیا تو اسے دیکھتے ہی وہ بولی....
ہینڈز اَپ....پھر دروازے سے گردن باہر نکال کر ادھر اُدھر دیکھا۔اور جھٹ سے دروازہ بند کر کے کنڈی چڑھا دی۔واپس پلٹ کر بولی....اپنی خیریت چاہتے ہو؟
ہاں ....
تو پھر آنکھیں بند کر کے ہاتھ پیچھے باندھ لو....کسی قسم کی کوئی حرکت نہیں ہونی چاہیے۔وہ اُس کے گر د گول گول گھوم کر طواف کرنے لگی۔
وہ تنگ آ کر بولا....مجھے تمہارے ساتھ ضروری بات کرنی ہے۔
چپ....جو بھی بولنا ہے اپنی آخری خواہش پوچھے جانے پر بتانا۔جان پیاری ہے نا....
ہاں ....تم تو مجھے بہت پیاری ہو....
پھر بولے....قندو نے اس کی بغل میں گدگدی کی اور وہ پتنگ کی طرح لہرایا۔
اچھا بابا....فری ہو جاؤ....بولو بتاؤ کیا بات ہے....وہ کرسی پر جا کر بیٹھ گئی۔
وہ سر جھکا کر منمنایا....بابا نے ہماری شادی سے انکار کر دیا....
کیا....قندو کو ایک زور دار شاک لگا۔وہ اسپرنگ کی طرح اچھل کھڑی ہوئی اور اِدھر اُدھر ٹہلنے لگی۔آہستگی سے بڑبڑائی....تو پھر....دل میں کوئی غلط سا خیال تلملایا....اونچے سے بولی تو پھر....چند ساعتوں بعد زور سے چلّائی تو پھر اور نیچے گر پڑی....بلبلانے لگی....میرا سینہ....اف....پانی....
زیّاد بھاگ کر پانی لے آیا۔بابا کو آواز دی اور ماں بھی آ گئی۔پھر وہی تماشا دونوں نے برا سا منہ بنایا۔قندو کو ہسپتال پہنچایا گیا۔دو دن زندگی موت کی جنگ لڑنے کے بعد اسے ہوش آیا تو کانوں میں کچھ لوگوں کے باتیں کرنے کی آواز سنائی دی۔
جمال صاحب!لڑکی کو سخت ذہنی صدمہ پہنچا ہے۔دل میں نقص ہونے کے باعث اعصابی جھٹکے کا دل پر بھی اثر پڑا ہے۔
تو کیا دل کا دورہ....انہوں نے پریشانی سے پوچھا....
نہیں ....آپ جانتے تو ہیں کہ اِس کے دل میں سوراخ ہے۔
یہ سنتے ہی قندو کے حواس سو ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ گئے۔وہ جھٹ سے اٹھ بیٹھی۔بے چین نظروں سے ارد گرد دیکھنے لگی۔
تمہیں ہوش آ گیا....ڈاکٹر اس کی طرف بڑھا۔تو اس نے پوچھا....ڈاکٹر صاحب میرے دل میں سوراخ ہے؟
ڈاکٹر یہ سن کر ششدر رہ گیا۔تعجب سے جمال صاحب سے پوچھنے لگا۔آپ لوگوں نے اس بیماری کے بارے میں اس کو بتا رکھا ہے۔
نہیں ....آپ لوگ باہر جا کر بات کرنے کی بجائے ادھر ہی بحث کر رہے تھے تو میں نے سن لیا۔قندو نے خود ہی جواب دیا۔
گھر واپسی پر قندیل بے حد بجھی بجھی سی رہنے لگی۔شادی بیاہ کی باتیں جو نصف مہینے سے چل رہی تھیں اب تھم سی گئیں۔دن سوکھے بادلوں کی طرح گزرنے لگے۔ایک روز وہ بلا جھجھک ماموں کے کمرے میں داخل ہو گئی۔وہ بیڈ پر لیٹے کسی کتاب کے مطالعے میں مشغول تھے۔اسے دیکھتے ہی فوراً اٹھ بیٹھے اور بولے....قندو بیٹا خیریت تو ہے آج بغیر اجازت ....
مجھے آپ سے کچھ بات کرنی ہے۔اس نے درمیان میں ہی ان کی بات کاٹ دی۔
تو بولو بیٹا....
آپ اس وجہ سے میری شادی زیّاد سے نہیں کرنا چاہتے کہ مجھے دل کی بیماری ہے۔موت ہر پل تلوار کی طرح میرے سر پر لٹکتی رہتی ہے۔
نہیں قندو....ایسی کوئی بات نہیں ....
تو پھر کیا سبب ہے کہ آپ نے ایک نگاہ بھی مجھ پر نہیں ڈالی....
وہ لاجواب ہو کر دائیں بائیں دیکھنے لگے....
آپ خاموش کیوں ہیں ....مجھے بتائیے کہ مجھ میں ایسی کونسی کمی ہے ؟آپ شاید اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ میں کسی لمحہ بھی موت کی آغوش میں جا سکتی ہوں۔لیکن آپ کو خدا نے ایسی کونسی سند عطا کر رکھی ہے جو اس بات کا ثبوت ہو کہ صحت مند ہوتے ہوئے بھی آپ مجھ سے زیادہ عرصہ جی لیں گے۔
تم حدِ ادب سے باہر نکل رہی ہو....وہ طیش میں آ کر بولے....
تو ٹھیک ہے نا ماموں جی....آپ کو اتنا احساس نہیں کہ میں دنیا میں اکیلی ہوں ،ماں باپ ،بہن بھائی کا پیار کیا ہوتا ہے مجھے کچھ معلوم نہیں۔آپ کے سائے تلے جیتی آئی ہوں۔میرے دل میں جذبات کا انبار لگا ہے اور مجھے زیّاد ہی کی قربت نصیب ہوئی ہے۔میں نے اپنے د کھ درد،اور تمنّائیں اُسی کو سنائی ہیں۔اُسی نے مجھے سمجھا اور مجھ میں زندہ رہنے کی امنگ پیدا کی اور آپ زندگی کا وہ واحد سہارا بھی مجھ سے چھین لینا چاہتے ہیں۔
وہ غصے میں آ کر بولے....ہاں تمہاری بیماری کی وجہ سے میں اس کی شادی تم سے نہیں کروانا چاہتا۔میں نے ایک باپ ہونے کا فرض نبھایا ہے۔تم ہمارے گھر کا نمک کھاتی آئی ہو ،ہم نے تمہیں رہنے کے لئے چھت مہیّا کی ،تمہیں پناہ اور پہچان دی ہے۔اسی احسان کے پیش ِ نظر تمہیں چاہیے کہ ہمارے فیصلے کے آگے سر نگوں کر دو۔زیّاد سے تمہاری شادی کسی طور پر نہیں ہو سکتی۔تم خود زندہ نہیں اس کی زندگی کیوں داؤ پر لگاتی ہو،روز ہسپتال سے موت کے منہ سے بچ کر آتی ہو....نا ممکن....تم اِس لائق ہی نہیں ....
یہ سنتے ہی وہ چند لمحوں کے لئے اپنی جگہ پر ساکت ہو کر رہ گئی۔پھر ہوا میں لہرا کر زمین پر آ رہی۔ابھی تو مہینہ بھی نہیں گزرا تھا کہ وہ موت کے شکنجے سے بچ کر گھر لوٹی تھی۔اِس سانحے کے بعد اُسے ہسپتال تک لے جانے کی مہلت بھی نہ مل سکی۔
زیّاد بند کمرے میں بیٹھا اس کی تصویر کو دیکھے جا رہا تھا۔روتے ہوئے بولا۔میری جان........تمہارے جسم میں تو میری جان تھی....مرا تو میں ہوں ....اسی خیال کے زیرِ اثر وہ دوڑتا ہوا صحن میں آیا جہاں قندو کی لاش بین کرتی عورتوں کے درمیان کفن میں سجی پڑی تھی۔وہ دور سے چلّایا....
قندو فری ہو جاؤ....دیکھو میں تمہیں اپنی آخری خواہش بتانے آیا ہوں ....اُس دن تم نے نہیں پوچھی تھی....حرکت کرو....ہلاؤ اپنے ہاتھوں کو....تم تو میری جان تھی....تمہارے بدن میں تو میں بستا تھا....مرا تو میں ہوں ....تم اٹھ جاؤ....دیکھو میری جان تم میرے بدن میں زندہ ہو....پلیز کوئی تو بات کرو....تمہیں اپنی جان پیاری ہے نا....پھر پوچھ رہا ہوں تمہیں میں یعنی اپنی جان پیاری ہے تو اٹھ بیٹھو....کھولو اپنی آنکھوں کو........میں تمہیں سے شادی کروں گا....بس ایک دفعہ آنکھیں کھول دو....اور وہ سکون سے موت کی آغوش میں میٹھی اور ابدی نیند سوتی رہی۔شام آٹھ بجے اس کا جنازہ تھا۔لیکن اگلے روز فجر کے وقت گھر سے اکٹھے دو جنازے نکلے....آخر اُن دونوں کی جان ایک دوسرے کے جسم میں بسی تھی....
٭٭٭
فیصلہ
کبھی کبھار سطح ورق پر رنگینیاں بکھیرتے ہوئے جیسے قلم کی نوک اچانک کسی پیچیدہ سے موضوع پر لفظ اگلنے لگتی ہے ٹھیک اسی طرح اس کی زندگی کی سڑک جو شروع سے ہی پہاڑوں پر بنے زگ زیگ راستوں کی طرح تھی اچانک ایک پرخطر موڑ مڑ گئی اور یہ موڑ مڑنے کے بعد راستہ کچھ فاصلہ طے کر کے دل سوز منزل کے قدموں میں جا کر ضم ہو گیا۔آج چوبیس تاریخ تھی۔آج منزل پر پہنچنے کا دن تھا۔آج راستہ منزل کے قدموں میں تحلیل ہو جانا تھا۔
جیسے ہی بابر نے سردار رزاق خان پر گولی چلائی اسی لمحے پولیس کی ایک وین جو پیچھے سے زوں زوں کرتی دوڑی چلی آ رہی تھی رزاق خان کی لاش کے گرد لگے مجمع کے قریب آ کر رک گئی۔پولیس کا بے موقع ٹپک پڑنا بابر کے منصوبے میں شامل نہیں تھا۔اس نے قتل کرنے کے لئے کوئی انوکھا طریقہ استعمال نہیں کیا تھا۔سردیوں کی رات تھی اور اس نے اوڑھی ہوئی چادر کی اوٹ سے گولی چلا دی تھی۔گولی نے اس لئے بر وقت اثر دکھایا کیونکہ وہ رزاق خان سے چند گز کے فاصلے پر موجود تھا۔پولیس کی گاڑی کی بے وقت آمد نے اس کے بنے بنائے پروگرام کو خاک میں ملا دیا۔لوگوں کی نظر جیسے ہی گولی چلنے والی سمت پر پڑ ی تو وہ بد حواس ہو کر بھاگ کھڑا ہوا۔داتا دربار کے ساتھ والے بازار میں داخل ہوا اور پھر چھوٹی بڑی ان گنت گلیوں نے اس کو نگل لیا۔یہ اس کا آخری قتل تھا۔
اسے جانداروں ....خاص طور سے بے حس انسانوں سے بے حد نفرت تھی۔اس نفرت کے دائرے کا آخری شکار سردار رزاق خان بنا جو کہ داتا دربار پر نذرو نیاز چڑھانے آیا تھا۔اپنے ہی میر جعفر صفت دوستوں کی مخبری سے وہ پکڑا گیا اور اسے قتل کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی گئی۔اسی لئے آج چوبیس تاریخ تھی۔آج بابر کو پھانسی ہونی تھی....دشوار گزار راستے کا اختتام ہونا تھا۔
زندگی کسے کہتے ہیں۔ اس لفظ کو بہتر انداز سے سمجھنا یا اِس کی گہرائی میں اتر کر حقائق کو جاننا بابر کے لئے آسان نہ تھا۔اُس وقت وہ بمشکل تیرہ سال کا تھا۔آٹھویں جماعت کا طالبعلم جس کو ہنسنے ،کھیلنے اور شرارتوں کے علاوہ کچھ نہیں سوجھتا ،زیست جیسے فلسفیانہ اور سنجیدہ موضوع پر کچے دماغ کی مشینری کو حرکت میں کیوں لاتا۔لازماً اس کے سلسلہ حیات کی شاہراہ پر کوئی ایسی اونچ نیچ ہوئی ہو گی جس کی وجہ سے وہ پتنگیں اڑانے اور کنچے کھیلنے کی عمر سے بے نیاز ہو کر کائنات میں مقصدِ حیات کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوا۔وہ پڑھائی میں طاق تھا۔کرکٹ بھی نہایت عمدہ طریقے سے کھیل لیتا تھا اور گھر سے باہر کھیلنے کودنے کا یہی وقت اس کے لئے کل مسرت کا سامان تھا۔جیسے ہی وہ گھر کی چوکھٹ پر قدم رکھتا، آواز آ جاتی....
بد ذات لڑکے! پھر اُن کتے کے پلوں کے ساتھ کھیلنے گیا تھا۔کتنی دفعہ سمجھایا ہے کہ اکرم خان کے بچوں کے منہ نہ لگا کر ،تجھے اُلی اور کائی کی طرح باسی کر چھوڑیں گے۔مگر تو ہے کہ پھر ان کی گلی کی طرف منہ کر کے اونٹ کی طرح دوڑا چلا جاتا ہے،تیرا باپ آنے والا ہے جا کر بازار سے دہی لے کر آ،میرے تو نصیب پھوٹے جو اس جہنم میں قدم رکھ دئیے۔ایک شوہر اور ایک ہی بیٹا....دونوں نکھٹو....
ایک شام کو وہ ریاضی سے سوال حل کر رہا تھا۔کمرے میں بجنے والے دھیمے دھیمے میوزک کے زیر اثر اس کا قلم روانی سے چل رہا تھا کہ ساتھ والے کمرے میں ماں باپ کے مابین نوک جھونک شروع ہو گئی۔لڑائی ہمیشہ ذرا سی بات پر شروع ہوتی تھی اور مار پیٹ پر آ کر ختم ہوتی تھی یعنی اس کی ماں شوہر سے مار کھا کر سارا غصہ تھپڑوں اور مکوں کی صورت میں بے وجہ اُس پر نکالتی تھی۔اِس دوران وہ کتاب الٹا کر دایاں گال میز کے بدن پر رکھے سوچوں میں گم ہو گیا۔
خادم کے ابو کتنے اچھے ہیں نا....روز اسے موٹر سائیکل پر سکول چھوڑنے آتے ہیں ،اتوار کے اتوار سیر کرانے کے لئے لے جاتے ہیں ،بازار جا کر اپنے ہاتھ سے کتابیں دلواتے ہیں ....اور میرے ابا....ہوں ....سکول میں داخل کروا نے کے بعد آج تک مجھے سکول چھوڑنے نہیں آئے۔واپسی پر لینے نہیں آئے۔یہ بھی نہیں سوچتے کہ سڑک سے کوئی لچا لفنگا بوری میں بند ہی کر لے جائے،پَر میں کیوں کسی سے ڈروں ، میں اب چھوٹا تھوڑی نہ ہوں ،اگر کسی نے مجھے پکڑنے کی کوشش کی تو مار مار کر اس کا بھرکس نکال دوں گا۔جب وہ اداس ہوتا تھا تو اِس بے جان میز کے جسم کے لمس سے اس کو میٹھے جذبات کی وہ روح افزا حدت محسوس ہوتی تھی جو اس کے ماں باپ یا دوسری جاندار اشیاء اس کو نہیں دیتے تھے۔وہ انہی خیالوں میں ڈوبا ہوا تھا کہ اس کی ماں غصے سے بپھری پیر پٹختے اس کے کمرے میں داخل ہوئی۔تڑاخ کر کے ایک تھپڑ اس کے ریشم ایسے گال پر جڑ دیا۔اور بولی....
کمینے....تجھے ہوم ورک کرنے کا کہا تھا ....یہ نہیں کہ کمرے کو کنجر خانہ بنا کر میٹھے میٹھے سپنوں میں کھو جائے۔تیرے چاچا نے بھی نت نئی چیزیں لا کر تیری عادتیں بگاڑ دی ہیں ....خانہ خراب ہو اُس نا مراد کا.... اس کی ماں غصے میں بڑبڑاتی ٹیپ کی طرف بڑھی....اور اس کے گرم گرم آنسو لکڑی کی میز پر چشموں کی طرح بہنے لگے۔
اس کے گھر کا ماحول ایسا ہی تھا۔باپ کتابوں کے لئے پیسے دینے کے ساتھ ساتھ گالیاں بھی دیتا تھا۔کبھی کبھی تو لگتا تھا کہ وہ بن باپ پیدا ہوا ہے۔وہ سوچتا تھا کہ ابا نے اگر پیسے دینے ہی ہوتے ہیں تو محبت اور پیار سے کیوں نہیں دیتا۔ماں نے کوئی بات سمجھانی ہوتی ہے تو اپنے ساتھ چمٹا کر،چھاتی سے لگا کر چوم چوم کر لاڈ اور پیار سے کیوں نہیں سمجھاتی۔ہاتھ اور جوتی سے مار کر کیوں سمجھاتی ہے۔کیا میں اس کے بدن کا حصہ نہیں ہوں۔اس نے سن رکھا تھا کہ ہر بچہ ماں کے جسم کا حصہ ہوتا ہے اور یہاں اسے محسوس ہوتا کہ وہ بہت بڑا ہو گیا ہے۔اسے زندگی کا مفہوم سمجھ آنے لگا ہے۔مگر سب کی زندگی ایسی کیوں نہیں ہوتی۔میں تو سائنس کے فوائد پر چند سطروں سے زیادہ مضمون نہیں لکھ سکتا اتنی بڑی بڑی باتیں کیوں سوچنے لگا ہوں۔مجھے شاید بیماری ہو گئی ہے۔بڑوں جیسی باتیں سوچنے والی بیماری....
آہستہ آہستہ اسے ہر جاندار سے نفرت ہونے لگی۔وہ چیونٹیوں کو مسلنے لگا۔اپنی کتابوں سے باتیں کرتا،آئینے کے روبرو کھڑے ہو کر اپنے عکس کی آنکھوں سے آنسو پونچھتا۔اسے ہر اس بے جان چیز سے انس ہونے لگا تھا جو چپ چاپ اس کے گلے شکوے سنتی تھی۔انسانوں سے اسے ہول اٹھنے لگا تھا۔ماں باپ سے دوری ہونے لگی تھی۔دل چاہتا تھا قید خانے جیسے اس گھر سے بھاگ جائے۔
جب وہ دسویں میں ہوا تو بھی گھر میں لڑائی جھگڑے،نفرت،مار پیٹ،تنگی اور کھینچا تانی کا یہ سلسلہ جاری رہا۔اتوار کو اسے چھٹی ہوتی تھی۔مگر ماں نے سختی سے اسے باہر نکلنے سے منع کیا ہوا تھا۔کہتی تھی....
خبردار جو گھر سے باہر قدم نکالا۔تیرا باپ بھی سارا دن گھر سے غائب رہتا ہے۔شام کو دو پیسے کما کر لاتا ہے،پیٹ کا تندور بھر کر ساری گرمی مجھ پر نکالتا ہے....تو بھی اس کی طرح نکما اور ہوس خور بن جائے گا۔باہر کے خبیث لوگوں سے نہ ملا کر ....
بابر یہی سوچتا رہ جاتا کہ اللہ میاں نے اسے اس دنیا میں قیدی بنا کر بھیجا ہے۔اس کی قسمت میں ہنسنا،کھیلنا کودنا نہیں بلکہ گھر کی چار دیواری میں گھٹ گھٹ کر جینا لکھا ہے۔
اِس اتوار بھی وہ باہر نہیں جا سکا۔ٹیپ اُس دن سے ماں کے کمرے میں تھی۔گانے بھی نہیں سن سکتا تھا۔صبح اٹھا تو ابا کہیں جانے کی تیاری کر رہے تھے۔کپڑے استری نہ ہونے کی چھوٹی سی وجہ پر ماں سے لڑنا شروع کر دیا۔روز مرہ کے ان ہنگاموں سے وہ تنگ آ چکا تھا۔وہ چپکے سے صحن میں چلا آیا۔تازہ تازہ صبح نے اس کے تھکے ماندے ذہن کو از حد تسکین پہنچائی۔اس نے طوطے کے لٹکتے ہوئے پنجرے کو اتارا اور ایک کونے میں جا کر بیٹھ گیا۔پیار سے بولا....تمہارا یہ سبز رنگ مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔میری بھاری بھاری آنکھوں کو طراوت بخشتا ہے....وہ طوطے کو پنجرے سے نکال کر پیار کرنے لگا۔طوطے نے اس کی انگلی اپنی نازک سی چونچ میں دبا لی۔درد کی مزیدار سی ٹیس اٹھ کر اس کے پورے بدن میں پھیل گئی۔بہت مزا آیا....بولا.... کاٹ شوق سے کاٹ....اور کاٹ....ہاں اور زور سے .... شاباش .... اسے درد میں بہت سکون ملتا تھا....کبھی کبھی وہ شہادت کی انگلی کو دانتوں میں دبا لیتا اور اس کے بدن میں میٹھا سا کرنٹ دوڑ جاتا۔دانت رسیلے ہونٹوں میں گاڑ دیتا۔اس طرح اس کے دل کو تسکین پہنچتی تھی، سرور ملتا تھا....بلی کے بچوں اور کتوں کو ستانے میں اس کو بڑا مزا آتا تھا....
اس نے طوطے کے نرم ملائم ہڈی والے سر پر ہاتھ پھیرنا شروع کر دیا۔اچانک اس کی گردن کے گرد گرفت مضبوط کر دی۔جی چاہا کہ گیلے کپڑے کی طرح مروڑ کر رکھ دے مگر اس کے اندر سے کوئی بولا....اپنا غصہ اس بے زبان پر کیوں نکالتا ہے....مگر اس سے بھی اونچی ایک آواز آئی۔کیوں چھوڑے گا اسے....کیا تجھے ماں کے سینے سے لگنا نصیب ہوتا ہے۔جبکہ ماں روز اس طوطے سے گھنٹوں بیٹھی باتیں کرتی ہے۔اسے پیار کرتی ہے۔باپ تجھے کبھی سیر کرانے نہیں لے کر گیا۔ماں نے کبھی چمکار چمکار کر تجھ سے پسندیدہ کھانے کا نہیں پوچھا۔جبکہ یہ کمبخت روزانہ چاٹ مصالحوں سے تیار شدہ امرود کھاتا ہے۔ہر وقت ماں تجھے جلی کٹی سناتی رہتی ہے،مارتی ہے،خرم،علی،خادم اور حسن کے امی ابو تو ان کے ساتھ ایسا نہیں کرتے۔تیرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہے۔اس نے طوطے کو دونوں ہاتھوں میں دبایا .... بھینچا .... زور لگا کر....اور زور لگا کر اسے دبا ڈالا....بابر کا دل پھٹ رہا تھا۔جسم پر لرزہ طاری تھا۔ذ ہن میں ملے جلے خیالات ناچ رہے تھے۔دو مختلف فیصلے اس کو اپنی اپنی طرف کھینچنے لگے۔یک دم اس کو جسم میں کسی بھاری سی چیز کے بیٹھ جانے کا احساس ہوا۔طوطے کے نرخرے سے خر خر کی آوازیں نکلنے لگیں۔بابر کا پھنسا ہوا سانس نکل گیا۔اس کے دل میں کوئی چیز تڑ سے ٹوٹ گئی۔بے قرار سی روح بدن میں حلول کر گئی۔متلی سی محسوس ہونے لگی۔اس نے ایک دوسرے سے جڑے دونوں ہاتھ کھولے تو جھٹ سے کوئی چیز نیچے آ گری۔بابر پھٹی پھٹی نگاہوں سے زمیں پر پڑی طوطے کی مڑی تڑی لاش کو دیکھتا رہ گیا۔سبز رنگ اس کی بھاری بھاری آنکھوں کو طراوت بخشتا تھا۔اس کا حلق سوکھ گیا اور وہ نڈھال ہو کر زمین پر بیٹھ گیا۔یہ اس کا پہلا قتل تھا۔
یہیں سے اس کی زندگی کی سڑک نے وہ انوکھا موڑ کاٹا جس کے بعد راستہ کچھ فاصلہ طے کر کے روح فرسا منزل کے قدموں میں جا کر دم توڑ گیا۔اسی لئے آج چوبیس تاریخ تھی۔آج فیصلے پر عمل درآمد کا دن تھا۔آج اسے پھانسی ہونی تھی۔
٭٭٭
نسل
نارنگ پور شہر سے کچھ کلو میٹر دور چند ہزار نفوس پر مشتمل اک سر سبز گاؤں تھا۔سائیں دین محمد،مولوی شاہ محمود،افضل حکیم اور نمبر دار علاقے کے گنے چنے معزز افراد میں شمار کئے جاتے تھے۔گاؤں اینٹوں کی اک نا ہموار سڑک کے ذریعے شہر جانے والی شاہراہ سے ملحق تھا۔گاؤں کی سڑک کے دونوں طرف لہلہاتے کھیت پھیلے ہوئے تھے۔اک کچا نالہ سڑک کے ہمراہ دور تک بہتا چلا جاتا تھا جس کا پانی بیک وقت کپڑے دھونے،ڈھور ڈنگروں کی پیاس بجھانے،اور کھیتوں کو سیراب کرنے کے کام آتا تھا۔اپنے اپنے موسموں میں گندم ، باجرے کی فصلوں کے سنہرے خوشے تازہ ہوا میں جھوم جھوم گاتے تھے۔کھیتوں کے درمیان کہیں کہیں کچے پکے مکانات بنے ہوئے تھے۔ جن میں سے چند میں ٹیوب ویل اور رہٹ لگے تھے۔آبادی شروع ہونے سے پہلے سائیں کا ڈیرہ آتا تھا۔جہاں روزانہ غروب کے بعد ہاری لوگ مل بیٹھ کر دکھ بانٹا کرتے تھے،حقے گڑگڑایا کرتے تھے،اور کبھی کبھی شراب، شباب کی محفلیں بھی جم جایا کرتی تھیں۔گاؤں کا اکلوتا بازار آبادی کے درمیان واقع تھا۔بازار میں دائیں طرف والی دوکانوں میں سے اک دوکان نورے کی تھی۔سامنے جاؤ تو راستے میں کئی ٹیڑھی میڑھی گلیاں سانپ کے بِل کی طرح بَل کھاتی دائیں بائیں نکلتی جاتی تھیں۔اِنہیں میں سے ایک گلی کی نکڑ پر مسجد تھی،جس میں مولوی شاہ محمود صبح سے شام تک نیم کی چھڑی سے بچوں کی کھال ادھیڑتا رہتا۔گلی کے آخر میں اینٹوں سے بنا ایک مکان تھا، جس کی عقبی دیوار کے ساتھ بندھی د و بھینسیں صبح سے شام تک جگالی کرتی رہتیں ،اور شام ڈھلے دودھ کے کٹورے بھر دیتیں۔مکان کے مقابل سامنے گاؤں کا قبرستان تھا۔ ارد گرد فصلیں اگی ہوئی تھیں۔یہ مکان نورے کا تھا جس میں وہ اپنی ماں ”بے بے“ کے ساتھ سالوں سے رہ رہا تھا۔ نورا کوئی آ ٹھ سال کا ہو گا جب اس کا باپ دنیا سے رو ٹھ کر سامنے والے قبرستان میں جا سویا۔ ماں نے زرد موسموں اور سرد زمانوں کے ستم سہہ سہہ کر نورے کو اس قابل بنا یا تھا کہ آج وہ ایک کریانے کی دوکان کا مالک تھا۔ چار بہاریں گزرنے کو آ ئی تھیں .... نورا پار والے گاؤں سے نندنی کو بیاہ کر لایا تھا۔ نندنی کے آنے کی وجہ سے بے بے کو ہاتھ بٹانے والا ایک فرد میسر آ گیا ، اور وہ دنیا کے جھمیلوں سے بے نیاز ہو کر یاد اللہ میں مشغول ہو گئی۔دن رات سبک رفتاری سے اپنے اپنے راستوں پر گامزن تھے۔ مگر اِ ن راستوں کی منزل، جن کا انتظار نورا اور نندنی ہر نویں مہینے کرتے تھے،ابھی ان کو نہ مل سکی تھی۔ ابھی تک نندنی کی گود سونی تھی۔ بے بے بہت ضعیف الاعتقاد واقع ہوئی تھی،اس کا ماننا تھا کہ اللہ کے نیک بندوں کے توسط سے انسان خدا سے چھپڑ پھاڑ کر مانگ سکتا ہے۔وہ شب و روز کسی نہ کسی پیر، فقیر کے آستانے پر حاضری دینے کو تیار رہتی۔اب تک وہ کئی مزاروں اور آستانوں کی خاک پر ماتھا ٹیک چکی تھی ، بہت سے پیروں کی لحد کے سرہانے رکھا نمک نندنی کو چکھایا تھا مگر نندنی ہنوز اک نامکمل عورت تھی۔اس کی کو ئی اولاد نہیں تھی۔ نورے کو ماں کی یہ ضعیف الاعتقادی نہایت گراں گزرتی تھی۔ اس نے کئی مرتبہ ماں کو اِن جھوٹے پیروں ، مرشدوں کی اصلیت سے آگاہ کرنے کی کوشش کی مگر ماں سے تو تو میں میں کرنے میں ہار اسی کی ہوتی۔اور وہ بادل ِ نخواستہ بے بے کو اس کے حال پر چھوڑ دیتا۔
افضل حکیم نے بارہا بے بے کو سمجھایا کہ نورے اور نندنی کا چیک اپ کروا لو شاید کسی ایک کو کوئی مرض ہو مگر بے بے اس بات سے قطعاً متفق نہ تھی۔اول تو وہ حکیم صاحب کی حکمت و دانائی کی پھلجھڑیاں سننے کو تیار نہ تھی ،دوم اگر حکیم صاحب کی بات کو اہمیت دے دی جاتی تو وہ سر پیٹنا شروع کر دیتی۔لا محالہ ما ں کی یہ حالت دیکھ کر حکیم صاحب کو نراش کر کے ان کے اقوال زریں کو ان کے اپنے پاس رکھنے کو کہا جاتا اور نورا خون کے گھونٹ پی کر رہ جاتا۔
نورا خود یہ مانتا تھا کہ حکیم صاحب کو کم از کم اک دفعہ دکھا دینے میں کوئی حرج نہیں ہے، مگر ماں کی ہٹ دھرمی کے آگے اس کا بس نہیں چلتا تھا۔کچھ روز گزرے بے بے پھر کسی نئے پیر کا مزار دریافت کر آئی اور نندنی کے ساتھ مل کر سفر کی تیاری شروع کر دی۔آتے جاتے نورے نے سینکڑوں بار ماں کو اُن ڈھونگیوں اور فتنہ پرور بہروپیوں کی شر انگیز حرکات سے آگاہ کرنا چاہا مگر بے بے اللہ اللہ کا ورد کرتی،پلو میں بندھے کاغذ کے ٹکڑے کو دیکھتی جاتی جس پر مزار والے گاؤں کا پتہ لکھا ہوا تھا۔وہ کہتی تھی پیر صاحب بہت پہنچے ہوئے ہیں۔ان کی پہنچ بہت اوپر تک ہے وہ....وہاں ، اس نے دھندلی آنکھوں سے آسمان کی گہرائیوں میں اترنے کی کوشش کی کہ شاید کسی کونے کھدرے میں اللہ تعالی کان دھرے اس کے من کی بات سن رہا ہو ،ویسے بھی اس نے سن رکھا تھا.... اللہ انسان کی شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہوتا ہے۔ اور یہی سوچ سوچ کر کبھی کبھی اس کے گلے کے اندر رگوں میں خارش بھی ہوتی تھی۔ بے بے بتا رہی تھی کہ اس پیر کے مرشد ایسا تعویذ دیتے ہیں کہ برسوں کی بانجھ عورت بھی ماں بن جاتی ہے۔اور دیکھنا تیرے ہاں بھی ایک گل کھلے گا۔نورا ماں کی یہ فرسودہ باتیں سن کر سر پیٹ کر رہ گیا اور بے سری کے عالم میں کمرے میں جا لیٹا....
بے بے اور نندنی تین ہی دن میں اس مزار پر حاضری دے کر، نذر و نیاز چڑھا کر واپس لوٹ آئے۔ان کی واپسی سے گھر کا ویران آنگن ثروتِ بہار کا عکس دینے لگا۔ساری رات نورا بیوی کے سرہانے بیٹھا اس سے حال احوال پوچھتا رہا،اس کے دکھی دل کو دلاسے دیتا رہا،نندنی پر خوشی کی لہر چھائی ہوئی تھی۔اک بات جو نورے نے خاص طور پر محسوس کی کہ نندنی بار بار اُس سے نظریں چرا رہی تھی۔وہ رات گزری اور پھر بہت سی راتیں گزر گئیں۔
ایک دن نورے کو نجانے کیا سوجھی کہ وہ دوکان کے کسی کام کی غرض سے شہر گیا۔شام کو تھکا ہارا واپس آیا اور بے بے کو بتایا کہ دوکان کا مزید سامان لانے کے لئے پرسوں دوبارہ جانا پڑے گا۔دو دن بعد وہ پھر شہر گیا.... واپس لوٹا تو اس کے گندمی چہرے پر پیلاہٹ چھائی ہوئی تھی۔آنکھوں میں ویرانی کا ڈیرہ تھا۔اس کی یہ حا لت دیکھ کر نندنی پریشان ہو گئی، بار بار پو چھا ، کو ئی پریشانی ہے،مگر نورا دم سادھے بت کی مانند بس چپکے لیٹا رہا۔وہ اپنا کچھ ذاتی سامان بھی لایا تھا جو اس نے بے بے کے ہاتھ اُس صندوق میں رکھوا دیا تھا جس کو بے بے بھی کبھی نہیں کھولتی تھی۔نورے کو یہی صندوق سب سے محفوظ ٹھکانہ محسوس ہوا۔
دن گزرتے گئے، نورے کا رویہ دن بہ دن خراب ہوتا گیا۔بات بات پر لال ہو جاتا، ہر بات میں نقص نکالتا،اک دن نندنی کو پیٹ میں درد اٹھا،حکیم دیکھنے آیا تو معلوم پڑا وہ ماں بننے والی ہے۔شام کو نورا گھر آیا تو نندنی نے یہ خوشخبری اس کو سنائی۔یہ سنتے ہی اس کے حواس گم ہو گئے،دماغ کی شریانوں میں ہلچل ہونے لگی۔گلا سوکھ گیا اور وہ دیوار کا سہارا لے کر چارپائی پر جا لیٹا۔ارے کیا ہوا....نندنی اس کی طرف بڑھی مگر اُس نے خاموشی سے نندنی کو باہر پانی لانے کے لیے بھیج دیا۔اس دن کے بعد سب نئے آنے والے مہمان کا انتظار کرنے لگے۔
نورا نندنی کی خوب دلجوئی کرتا،اس کے ساتھ بیٹھ کر مستقبل کے میٹھے میٹھے خواب سجاتا،کبھی کبھی اس پر نجانے کیا مرض طاری ہوتا کہ وہ فالج زدہ مریض کی طرح ساکت کسی کونے کھدرے میں پڑا رہتا۔ پھر خود بخود ٹھیک ہو جاتا۔نویں مہینے نندنی نے ایک پیارے سے گول مٹول بچے کو جنم دیا۔اس دن نورا بہت کھویا کھویا سا لگ رہا تھا۔بے بے نے تو اس پیر کی شان میں زمین آسمان کے قلابے ملا دئیے۔پورے گاؤں کو اس کی من گھڑت کرامات کے قصے سنائے،دیسی گھی کے لڈو بانٹے گئے، دیگ چڑھائی گئی، اور قرآن خوانی کروائی گئی....
بچے کا نام مجید رکھا گیا۔ابتدا میں نورا مجید سے کھچا کھچا رہتا مگر رفتہ رفتہ اس نے مجید کو توجہ دینا شروع کر دی،اسے پیار دینا شروع کیا ،باپ کی موجودگی کا احساس دلانا شروع کیا۔ مجید نے آہستہ آہستہ بچپن اور لڑکپن کے تمام مراحل طے کرتے ہوئے جوانی کے دور میں قدم رکھا۔نورے نے دن رات ایک کر کے اسے پڑھایا، شہر بھیجا اور اس کو انجینئر بنایا۔مجید شہر میں نوکری کرتا تھا۔اس کی دلی آرزو تھی کہ وہ لوگ گاؤں والا پرانا گھر چھوڑ کر شہر میں ایک چھوٹا سا مکان لے لیں۔اسی دوران بے بے کا انتقال ہو گیا۔وہ گھر کے سامنے والے قبرستان میں جا سوئی۔اس دن نورا بہت اداس لگ رہا تھا۔ شفقت کے سائے اس کا ساتھ چھوڑ گئے تھے۔مجید کی ضد کی وجہ سے وہ شہر آ گئے۔گاؤں کی زمیں پر مزارعے بٹھا دئیے۔گاؤں والے گھر کا فالتو سامان اونے پونے داموں بیچ ڈالا۔بچے کھچے سامان میں بے بے کا وہ صندوق بھی شامل تھا۔جس میں نورے نے اپنے کوئی قیمتی چیز سنبھال کر رکھی ہوئی تھی۔بے بے کے مرنے کے بعد بھی وہ اِس صندوق کو نہایت احتیاط سے رکھتا۔ نندنی یا مجید کسی کو اُس کے قریب پھٹکنے کی اجازت نہ تھی۔گاؤں کا سامان بھی شہر میں شفٹ ہو گیا۔ناقابلِ استعمال چیزیں علیحدہ کمرے میں رکھ دی گئیں۔اُن میں وہ صندوق بھی شامل تھا۔
مجید نے بارہا ماں سے اس صندوق کے بارے میں پوچھا ........اِس میں ایسا کونسا خزانہ چھپا ہے کہ ابا اس کو ہاتھ نہیں لگانے دیتا۔اور نندنی جل کڑھ کر یہی کہتی۔ ہو گا تیرے دادے دادی کا کوئی زیور سامان، خاندانی مال و زر اور پھنکار کر چپ ہو رہتی....
جمعے کے روز مجید نہا دھو کر دفتر پہنچا تو اسے اطلاع ملی کہ اس کے باپ کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے اور اس کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔وہ بجلی کی تیزی سے ہسپتال پہنچا مگر سانسیں نور احمد عرف نورے کے جسم سے ہجرت کر چکی تھیں۔جو آہ و بکا ہونی تھی ہوئی،تدفین کا انتظام ہوا۔اور وہ قبر کی اندھیری کوٹھڑی میں جا سویا۔نندنی اور مجید پر کئی دن سوگواری کا عالم طاری رہا۔ دفتر میں مجید کا من نہیں لگتا تھا۔ایک روز کام میں مصروف اس کو اُسی صندوق کا خیال آیا۔گھر واپسی پر اس نے ماں سے صندوق کھولنے کی بات کی۔تجسس کی ماری نندنی ذرا سے پس و پیش کے بعد مان گئی حالانکہ شوہر نے اسے ہمیشہ وہ صندوق کے نہ کھولنے کی ہدایت کی تھی۔صندوق کا تالا توڑا گیا تو اس میں سے چند پرانے کپڑے، چاندی کے ہلکے زیورات اور کچھ تصاویر بر آمد ہوئیں۔مجید بجھ سا گیا۔کہ یہی تھا وہ سونا چاندی جس کو اتنا سنبھال سنبھال کر رکھا گیا۔ غصے میں اس نے صندوق کو الٹ دیا۔ اچانک تہہ میں بچھے اخبار کے نیچے سے کچھ کاغذ زمیں پر گرے۔اس نے غصیلے انداز سے جھک کر وہ کاغذ اٹھائے۔
پہلا کاغذ کافی بوسیدہ اور زردی مائل تھا۔وہ کسی دیسی دوا خانے کے حکیم کا لکھا ہوا پرچہ تھا۔لکھا تھا۔
جلال احمد........عمر پینتیس 35 سال........قوت ِ اولادی سے محروم....اس کی آنکھیں حیرت سے پھٹ گئیں ....جلال احمد اس کے دادا کا نام تھا....
اس نے جھٹ سے دوسرا کاغذ دیکھا۔یہ پیلا سا کاغذ غالباً بائیس 22سال پرانا تھا۔شہر کے کسی معروف ڈاکٹر کے ہسپتال کا پتہ درج تھا۔لکھا تھا....
نام ........نور احمد ولد جلال احمد
عمر ........چونتیس سال (34)
جنسی نظام میں نقص کے باعث قوت ِ اولادی سے محروم
مجید کا دل پھٹنے کو آ گیا۔سانسیں حلق میں پھنس گئیں۔اس نے سر اٹھا کر ماں کی طرف دیکھا جو جسم کا وزن گھٹنوں پر ڈالے، رکوع کی حالت میں جھکی ہوئی بار بار اس سے ان پرچوں کی بابت پوچھ رہی تھی....
٭٭٭
فیصلے
کبھی کبھار سطح ورق پر رنگینیاں بکھیرتے ہوئے جیسے قلم کی نوک اچانک کسی پیچیدہ سے موضوع پر لفظ اگلنے لگتی ہے ٹھیک اسی طرح اس کی زندگی کی سڑک جو شروع سے ہی پہاڑ پر بنے زگ زیگ راستوں کی طرح تھی اچانک ایک پر خطر موڑ مڑ گئی۔ اور یہ موڑ مڑنے کے بعد راستہ کچھ فاصلہ طے کر کے دل سوز منزل کے قدموں میں جا کر ضم ہو گیا۔آج چوبیس تاریخ تھی۔ آج منزل پر پہنچنے کا دن تھا۔ آج راستہ منزل کے قدموں میں تحلیل ہو جانا تھا۔
جیسے ہی بابر نے سردار رازق خان پر گولی چلائی اسی لمحے پولیس کی ایک وین جو پیچھے سے زوں زوں کرتی دوڑی چلی آ رہی تھی رزاق خان کی لاش کے گرد لگے مجمع کے قریب آ کر رک گئی۔ پولیس کا بے موقع پر ٹپک پڑنا بابر کے منصوبے میں شامل نہیں تھا۔ اس نے قتل کرنے کے لئے کوئی انوکھا طریقہ استعمال نہیں کیا تھا۔ سردیوں کی رات تھی اور اس نے اوڑھی ہوئی چادر کی اوٹ سے گولی چلا دی تھی۔ گولی نے اس لئے بروقت اثر دکھایا کیونکہ وہ رزاق خان سے چند گز کے فاصلے پر موجود تھا۔ پولیس کی گاڑی کی بے وقت آمد نے اس کے بنے بنائے پروگرام کو خاک میں ملا دیا۔ لوگوں کی نظر جیسے ہی گولی چلنے والی سمت پر پڑی تو وہ بد حواس ہو کر بھاگ کھڑا ہوا۔ داتا بازار کے ساتھ والے بازار میں داخل ہوا اور پھر چھوٹی بڑی ان گنت گلیوں نے اس کو نگل لیا۔ یہ اس کا آخری قتل تھا۔
بے جانوروں اور خاص طور سے بے حس انسانوں سے بے حد نفرت تھی۔ اس نفرت کے دائرے کا آخری شکار سردار رزاق جان بنا جو کہ داتا دربار پر نذر نیاز چڑھانے آیا تھا۔ اپنے ہی میر جعفر صفت دوستوں کی مخبری سے وہ پکڑا گیا اور اسے قتل کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ اسی لیے آج چوبیس تاریخ تھی۔ آج بابر کو پھانسی ہونی تھی۔ دشوار گزار راستے کا اختتام ہونا تھا۔
زندگی کسے کہتے ہیں۔ اس لفظ کو بہتر انداز سے سمجھنا یا اس کی گہرائی میں اتر کر حقائق کو جاننا بابر کے لئے آسان نہ تھا۔اس وقت وہ بمشکل تیرہ سال کا تھا۔ آٹھویں جماعت کا طالب علم جس کو ہنسنے کھیلنے اور شرارتوں کے علاوہ کچھ نہیں سوجھنا ،زیست جیسے فلسفیانہ اور سنجیدہ موضوع پر کچے دماغ کی مشینری کو حرکت میں کیوں لاتا۔
لازماً اس کے سلسلہ حیات کی شاہراہ پر کوئی ایسی اونچ نیچ ہوئی ہوگی جس کی وجہ سے وہ پتنگیں اڑانے اور کنچے کھیلنے کی عمر سے بے نیاز ہو کر کائنات میں مقصد حیات کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوا۔وہ پڑھائی میں طاق تھا۔ کرکٹ بھی نہایت عمدہ طریقے سے کھیل لیتا تھا۔ اور گھر سے باہر کھیلنے کودنے کا یہی وقت اس کے لئے کل مسرت کا سامان تھا۔ جیسے ہی وہ گھر کی چوکھٹ پر قدم رکھتا ،آواز آ جاتی۔ بد ذات لڑکے پھر ان کتے کے پلوں کے ساتھ کھیلنے گیا تھا۔ کتنی دفعہ سمجھایا ہے کہ اکرم خان کے بچوں کے منہ نہ لگا کر تجھے الی اور کائی کی طرح باسی کر چھوڑیں گے مگر تو ہے کہ پھر ان کی گلی کی طرف منہ کر کے اونٹ کی طرح دوڑ ا چلا جاتا ہے ،تیرا باپ آنے والا ہے جا کر بازار سے دہی لے کر آ، میرے تو نصیب پھوٹے جو اس جہنم میں قدم دکھ دیئے۔ ایک شوہر اور ایک ہی بیٹا دونو نکھٹو۔ ایک شام کو وہ ریاضی سے سوال حل کر رہا تھا۔ کمرے میں بجنے والے دھیمے دھیمے میوزک کے زیر اثر اس کا قلم روانی سے چل رہا تھا کہ ساتھ والے کمرے میں۔
ماں باپ کے مابین نوک جھونک شروع ہو گئی۔ لڑائی ہمیشہ ذرا سی بات پر شروع ہوتی تھی اور مار پیٹ پر آ کر ختم ہوتی تھی یعنی اس کی ماں شوہر سے مار کھا کر سارا غصہ تھپڑوں اور مکوں کی صورت میں بے وجہ اس پر نکالتی تھی۔ اس دوران وہ کتاب الٹا کر دایاں گال میز کے بدن پر رکھے سوچوں میں گم ہو گیا۔
خادم کے ابو کتنے اچھے ہیں نا۔ روز اسے موٹر سائیکل پر سکول چھوڑنے آتے ہیں۔اتوار کے اتوار سیر کرانے کے لئے لے جاتے ہیں ، بازار جا کر اپنے ہاتھ سے کتابیں دلواتے ہیں۔اور میرے ابا ہوں۔۔سکول میں داخل کروانے کے بعد آج تک مجھے اسکول چھوڑنے نہیں آئے، واپسی پر لینے نہیں آئے۔۔یہ بھی نہیں سوچتے کہ سڑک سے کوئی لچا لفنگا بوری میں بند ہی کر کے لے جائے پر میں کیوں کسی سے ڈروں میں اب چھوٹا تھوڑی نہ ہوں۔اگر کسی نے مجھے پکڑنے کی کوشش کی تو مار مار کر اس کا بھرکس نکال دوں گا۔ جب وہ اداس ہوتا تھا تو اس بے جان میز کے جسم کے لمس سے اس کو میٹھے جذبات کی وہ روح افزا حدت محسوس ہوتی تھی جو اس کے ماں باپ یا دوسری جاندار اشیاء اس کو نہیں دیتے تھے۔ وہ انہی خیالوں میں ڈوبا ہوا تھا کہ اس کی ماں غصے سے بپھری پیر پٹختے اس کے کمرے میں داخل ہوئی۔ تڑاخ کر کے ایک تھپڑ اس کے ریشم ایسے گال پر جڑ دیا اور بولی کمینے تجھے ہوم ورک کرنے کا کہا تھا۔ یہ نہیں کہ کمرے کو کنجر خانہ بنا کر میٹھے میٹھے سپنوں میں کھو جائے۔ تیرے چاچا نے بھی نت نئی چیزیں لا کر تیری عادتیں بگاڑ دی ہیں۔ خانہ خراب ہو اس نامراد کا اس کی ماں غصے میں بڑ بڑائی ٹیپ کی طرف بڑھی۔۔اور اس کے گرم گرم آنسو لڑکی کی میز پر چشموں کی طرح بہنے لگے۔ کبھی تو لگتا تھا کہ وہ بن باپ کا پیدا ہوا ہے۔ وہ سوچتا تھا کہ ابا نے اگر پیسے دینے ہی ہوتے تو حبت اور پیار سے کیوں نہیں دیتا۔ ماں نے کوئی بات سمجھانی ہوتی ہے تو اپنے ساتھ چمٹا کر چھاتی سے لگا کر چوم چوم کر لاڈ اور پیار سے کیوں نہیں سمجھاتی۔ہاتھ اور جوتی سے مار کر کیوں سمجھاتی ہے۔ کیا میں اس کے بدن کا حصہ نہیں ہوں۔ اس نے سن رکھا تھا کہ ہر بچہ مان کے جسم کا حصہ ہوتا ہے۔اور یہاں اسے محسوس ہوتا کہ وہ بہت بڑا ہو گیا ہے۔ اسے زندگی کا مفہوم سمجھ آنے لگا ہے۔ مگر سب کی زندگی ایسی کیوں نہیں ہوتی۔ میں تو سائنس کے فوائد پر چند سطروں سے زیادہ مضمون نہیں لکھ سکتا اتنی بڑی بڑی باتیں کیوں سوچنے لگا ہوں۔ مجھے شاید بیماری ہو گئی ہے۔ بڑوں جیسی باتیں سوچنے والی بیماری۔۔۔
آہستہ آہستہ اسے ہر جاندار سے نفرت ہونے لگی۔ وہ چیونٹیوں کو مسلنے لگا۔ اپنی کتابوں سے باتیں کرتا، آئینے کے رو برو کھڑے ہو کر اپنے عکس کی آنکھوں سے آنسو پونچھتا۔ اسے ہر اس بے جان چیز سے انس ہونے لگا تھا جو چپ چاپ اس کے گلے شکوے سنتی تھی۔ انسانوں سے اسے ہول اٹھنے لگا تھا۔ ماں باپ سے دوری ہونے لگی تھی۔ دل چاہتا تھا کہ قید جانے جیسے اس گھر سے بھاگ جائے۔
جب وہ دسویں میں ہوا تو بھی گھر سے لڑائی جھگڑے ، نفرت، مار پیٹ ، تنگی اور کھینچا تانی کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ اتوار کو اسے چھٹی ہوتی تھی مگر ماں نے سختی سے اسے باہر نکلنے سے منع کیا ہوا تھا۔ کہتی تھی خبر دار جو گھر سے باہر قدم نکالا ، تیرا باپ بھی سارا دن گھر سے غائب رہتا ہے۔ شام کو دو پیسے کما کر لاتا ہے ، پیٹ کا تندور بھر کر ساری گرمی مجھ پر نکالتا ہے۔ تو بھی اس کی طرح نکما اور ہوس خور بن جائے گا، باہر کے خبیث لوگوں سے نہ ملا کر۔
بابر یہی سوچتا رہ جاتا کہ اللہ میاں نے اسے اس دنیا میں قیدی بنا کر بھیجا ہے۔ اس کی قسمت میں ہنسنا ، کھیلنا کودنا نہیں بلکہ گھر کی چار دیواری میں گھٹ گھٹ کر جینا لکھا ہے۔ اس اتوار بھی وہ باہر نہیں جا سکا۔ ٹیپ اس دن سے ماں کے کمرے میں تھی۔ گانے بھی نہیں سن سکتا تھا۔ صبح اٹھا تو ابا کہیں جانے کی تیاری کر رہے تھے۔ کپڑے استری نہ ہونے کی چھوٹی سی وجہ پر ماں سے لڑنا شروع کر دیا۔ روز مرہ کے ان ہنگاموں سے وہ تنگ آ چکا تھا۔ وہ چپکے سے صحن میں چلا آیا۔ تازہ تازہ صبح نے ا سکے تھکے ماندے ذہن کو از حد تسکین پہنچائی۔ اس نے طوطے کے لٹکتے ہوئے پنجرے کو اتارا اور ایک کونے میں جا کر بیٹھ گیا۔ پیارے بولا۔ تمہارا یہ سبز رنگ مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔ میری بھاری بھاری آنکھوں کو طراوت بخشتا ہے۔ وہ طوطے کو پنجرے سے نکال کر پیار کرنے لگا۔ طوطے نے اس کی انگلی اپنی نازک سی چونچ میں دبا لی۔ درد کی مزیدار سی ٹیس اٹھ کر اس کے پورے بدن میں پھیل گئی۔
بہت مزا آیا۔۔بولا کاٹ شوق سے کاٹ اور کوٹ ہاں اور زور سے شاباش اسے درد میں بہت سکون ملتا تھا۔ کبھی کبھی وہ شہادت کی انگلی کو دانتوں میں دبا لیتا اور اس کے بدن میں میٹھا سا کرنٹ دوڑ جاتا۔ دانت رسیلے ، ہونٹوں میں گاڑ دیتا۔ اس طرح اس کے دل کو تسکین پہنچتی تھی۔ سرور ملتا تھا۔
بلی کے بچوں اور کتوں کو ستانے میں اس کو بڑا مزا آتا تھا۔ اس نے طوطے کے نرم ملائم ہڈی والے سر پر ہاتھ پھیرنا شروع کر دیا۔ اچانک اس کی گردن کے گرد گرفت مضبوط کر دی۔ جی چاہا کہ گیلے کپڑے کی طرح مروڑ کر دکھ دے مگر اس کے اندر سے کوئی بولا اپنا غصہ اس بے زبان پر کیوں نکالتا ہے۔ مگر اس سے بھی اونچی ایک آواز آئی۔کیوں چھوڑے گا اسے کیا تجھے ماں کے سینے سے لگنا نصیب ہوتا ہے۔ جبکہ ماں روز اس طوطے سے گھنٹوں بیٹھی باتیں کرتی ہے۔ اسے پیار کرتی ہے۔ باپ تجھے کبھی سیر کرانے نہیں لے گیا۔ماں نے کبھی چمکار چمکار کر تجھ سے پسندیدہ کھانے کا نہیں پوچھا۔ جبکہ یہ کمبخت روزانہ چاٹ مصالحوں سے تیار شدہ امرود کھاتا ہے۔ ہر وقت ماں تجھے جلی کٹی سناتی رہتی ہے۔ مارتی ہے، خرم ، علی ، خادم اور حسن کے امی ابو تو ان کے ساتھ ایسا نہیں کرتے تیرے ساتھ ہی ایسا کیوں ہے۔
اس نے طوطے کو دونوں ہاتھوں میں دبایا۔ بھینچا زور لگا کر اور زور لگا کر اسے دبا ڈالا۔۔بابر کا دل پھٹ رہا تھا۔ جسم پر لرزہ طاری تھا۔ ذہن میں ملے جلے خیالات ناچ رہے تھے۔ دو مختلف فیصلے اس کو اپنی اپنی طرف کھینچے لگے۔ یکدم اس کو جسم میں کسی بھاری سی چیز کے بیٹھ جانے کا احساس ہوا۔ طوطے کے نرخرے سے خر خر کی آواز نکلنے لگیں۔ بابر کا پھنسا ہوا سانس نکل گیا۔ اس کے دل میں کوئی چیز تڑ سے ٹوٹ گئی۔ بے قرار سی روح بدن میں حلول کر گئی۔ متلی سی محسوس ہونے لگی۔ اس نے ایک دوسرے جڑے دونوں ہاتھ کھولے تو جھٹ سے کوئی چیز نیچے اگری۔ بابر پھٹی پھٹی نگاہوں سے زمین پر پڑی طوطے کی مڑی تڑی لاش کو دیکھتا رہ گیا۔ سبز رنگ اس کی بھاری بھاری آنکھوں کو طراوت بخشتا تھا۔ اس کا حلق سوکھ گیا۔ اور وہ نڈھال ہو کر زمین پر بیٹھ گیا۔ یہ اس کا پہلا قتل تھا۔ یہیں سے اس کی زندگی کی سڑک نے وہ انوکھا موڑ کاٹا جس کے بعد راستہ کچھ فاصلہ طے کر کے روح فرسا منزل کے قدموں میں جا کر دم توڑ گیا۔ اسی لیے آج چوبیس تاریخ تھی۔ آج فیصلے پر عمل در آمد کا دن تھا۔ آج اسے پھانسی ہونی تھی۔
٭٭٭
جوگی
میرو بہت خوش تھا۔ پینٹ کی جیب میں اڑسے ہوئے بٹوے کا پیٹ نیلے ہرے نوٹوں سے پھولا ہوا تھا۔ آج اسے سیمو کو ڈنر پر لے کر جانا تھا ، بچوں کو فن لینڈ لے کر جانا تھا، اور اما ں ابا کے ہاں سے بھی فون آیا تھا ، کہ بیٹا بھول گئے تیرے ماں باپ زندہ ہیں۔
وہ تیز تیز قدم اٹھا رہا تھا۔ اچانک اک نا مانوس سی آواز نے اس کے قدم روک دئیے۔ سامنے کافی رش سا نظر آ رہا تھا۔ فطرت انسانی ہے ، انسان ہر بات ، ہر چیز کے بارے میں یونہی بس یونہی تجسس کا شکار رہتا ہے۔ وہ بھی اس ہجوم کی طرف چل پڑا۔
پاگل پاگل۔۔۔۔۔۔ میں پاگل۔۔۔۔۔۔ تم پاگل۔۔۔۔۔۔ ہم سب پاگل۔۔۔۔۔۔ یہ دنیا پاگل۔۔۔۔۔۔ اس کے دھول سے اٹے لمبے سیاہ بال ہوا میں لمبی لمبی جھاڑیوں کی ما نند لہرا رہے تھے۔۔۔۔۔۔ اس کی قلمیں مونچھوں کی حدوں کو چھو رہی تھیں۔ اس کا گریبان زمانے کے ہاتھوں چاک ہو چکا تھا۔ وہ اک جوگی تھا۔ اس کے دونو ں لمبے بازو فضا میں پیسا کے مینار کی طرح بلند تھے۔ ہاتھوں میں پکڑی ہوئی گھنٹیاں جن کو وہ انتہائی سرعت سے اِدھر اَدھر گھما رہا تھا۔ ان کی ٹَن ٹَن اور ٹِن ٹِن آپس میں گڈ مڈ ہو کر سریلی جھنکار پیدا کر رہی تھیں۔۔۔۔۔۔ جیسے کالی رات میں خونی مندروں پر رقص کرنے والی چڑیلوں کے راگ اور سنگیت۔۔۔۔۔۔ اک کالی عینک والے شخص نے اس جوگی کو دس روپے کا نوٹ پکڑ ا نے کے کوشش کی تو جوگی نے وہ دس کا نوٹ واپس اس شخص کے منہ پر دے مارا۔ اور بولا۔ پاگل۔۔۔۔۔۔ تم لے لو یہ دولت۔۔۔۔۔۔ پاگل۔۔۔۔۔۔ تم پاگل۔۔۔۔۔۔ دنیا پاگل۔۔۔۔۔۔ ہم سب پاگل۔۔۔۔۔۔ اور پاگل دنیا والے۔۔۔۔۔۔ ان الفاظ کے ختم ہوتے ہی اس کے سوکھے سڑے گلے سے ایسا فلک شگاف قہقہہ نکلا جیسے مڈل سکول کے تہہ خانوں میں کالی کالی چڑیلوں کے باریک قہقہے چھوٹے دل والے بچوں کے دل دہلا دیتے ہیں۔۔۔۔۔۔ یا رات کے وقت سنگل پسلی پہرے دار کو چادر کے اندر تک دبک جانے پر مجبور کر دیتے ہیں۔۔۔۔۔۔ جب سب لوگ ایک ایک کر کے سرکنے لگے تو جوگی نے اپنی تھیلی اٹھائی۔ تھیلی میں سوکھی روٹیوں کے ٹکڑے تھیلی کو نوکیلا بنا رہے تھے۔ میرو جوگی کے پیچھے جا کھڑا ہوا۔ اور اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ دیا۔۔۔۔۔۔ جوگی نے مڑ کر اسے دیکھا تو اس کے انگارے ایسی آنکھیں میرو کے جسم کو داغتی ہوئی ، محسوس ہوئیں۔۔۔۔۔۔
مجھے تمہاری کہانی سننی ہے۔۔۔۔۔۔ میرو نے پہلے ہی داؤ پر اپنا پتہ شو کر دیا۔۔۔۔۔۔
جاؤ بابا جاؤ۔۔۔۔۔۔ کونسی کہانی۔۔۔۔۔۔ کام کرو اپنا۔۔۔۔۔۔ جوگی اپنے راستے کو ہو لیا۔۔۔۔۔۔
میرو بھاگ کر اس کے سا منے آ گیا اور انتہائی لجاجت سے بولا بابا مجھے اپنی کہانی سنا دو نا۔۔۔۔۔۔ اور پھر وہ دونوں فٹ پاتھ کے ٹھنڈے فرش پر آ کر بیٹھ گئے۔
جوگی بولا۔۔۔۔۔۔ وہ بھی اک مست دیوانہ تھا۔ اک ٹا نگ پر دھول جماتا تھا۔ لوگ ہر شام اس کے گرد جمع ہوا کرتے تھے۔ یہ کوئی آٹھ یا نو سال پہلے کی بات ہے۔
سہانی شام تھی۔ مغرب میں ہلکی ہلکی سرخی پھیلی ہوئی تھی۔ پرندے اپنے اپنے آشیانوں کے جانب محو پرواز تھے۔ دو چار نام کی ڈگریاں میری بغل میں دبی ہوئی تھیں جو فائل میں صرف اس لئے محفوظ تھیں کہ ان پر پلاسٹک کور چڑھا ہوا تھا۔ میں بھی ان لوگوں میں شامل تھا جو اس دیوانے کا دھمال دیکھنے کے لیے شہد پر مکھیوں کی طرح جمع تھے۔ کیا دیکھتا ہوں کہ سامنے بیوٹی پارلر سے ایک چہرہ پر نور، چشم بددور ، مجھے یاد کرنے دو۔۔۔۔۔۔ یہ کہنے کے بعد بابے نے اپنی آنکھیں بند کر لیں اور سوچ میں ڈوب گیا۔ کئی لمحے گزر گئے۔۔۔۔۔۔
ہاں۔۔۔۔۔۔ جوگی کی آواز نے میرو کو اندر تک دہلا دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نکلتا ہوا قد تھا۔ لمبے سنہری بال کمر کی سطح پر لہرا رہے تھے۔ اس کی ناک لمبی مگر جاذب نظر تھی۔ اس نے ایک ادا سے چشمہ آنکھوں پر سجایا۔ دودھیا چہرے پر چھائی ہوئی بالوں کی لٹ کو اک شان بے نیازی سے پیچھے کی صرف جھٹکا دیا جیسے باد صبا نو خیز کلی کے گرد لہراتی ہے۔ اس نے اک ادا سے دائیں دیکھا۔۔۔۔۔۔ بائیں دیکھا اور پھر سامنے دیکھا۔۔۔۔۔۔ فلمی انداز سے ہاتھ چشمے تک لے کر گئی۔۔۔۔۔۔ چشمہ آنکھوں سے کھسکا کر ناک کی نوک پر ٹکایا۔۔۔۔۔۔ کسی پچاس سالہ ہیڈ مسٹریس کی طرح سر جھکا کر چشمے کی اوٹ سے اس جوگی کو رقص کرتا دیکھنے لگی۔ پھر اس نے فٹ پاتھ پر قدم رکھا۔ ڈرائیور نے چمکدار سیاہ کار کا دروازہ شاہی انداز میں اس کے لئے کھولا تو لڑکی نے ڈرائیور کے طرف دیکھے بنا انگلی سے دروازہ بند کرنے کا اشارہ کیا۔ اور ہجوم کی طرف آنے لگی۔۔۔۔۔۔ جب وہ لوگوں کے درمیان آ کھڑی ہوئی تو میں لا شعوری طور پر کھسک کر اس کی دائیں طرف جا کھڑا ہوا۔۔۔۔
یہ ناچ کیوں رہا ہے۔۔۔۔۔۔ لڑکی نے پوچھا
اس کا سوال سنتے ہی میرے علاوہ وہ دونوں افراد جو اس کے قریب کھڑے ہوے تھے اس کے طرف متوجہ ہوئے۔ مگر چاندنی کی نظروں کا محور میری ذات سلیم تھی۔
آئی ڈونٹ نو۔۔۔۔۔۔ میں نے ٹھیٹھ انگریزی میں جوا ب دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اردو میں بات کرو مین اردو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وہ بولی۔۔۔۔۔۔
مجھے نہیں معلوم۔۔ میں یہ کہہ کر واپس ہو لیا تو وہ بولی۔۔۔۔۔۔ اے مین۔۔۔۔۔۔ رکو رکو۔۔۔۔۔۔ بات سنو۔۔۔۔۔۔ واپس کیوں جا رہے ہو۔۔۔۔۔۔ ناچ نہیں دیکھو گے۔۔۔۔۔۔ مفت میں۔۔۔۔۔۔ دیکھو تو کیسے مینڈک کی طرح اچھل رہا ہے۔۔۔۔۔۔ یہ کہتے ہوئے وہ اپنے بازو ہوا میں سینے کی سطح تک لائی ، ہاتھ کی انگلیوں کو نیچے کے طرف کیا۔۔ اس سے پہلے کہ وہ مینڈک کی طرح اچھل اچھل کر اپنی بات کی تقلید کرتی میں مڑ کر چل پڑا۔۔۔۔۔۔ بگڑے ہوئے باپ کی بگڑی ہوئی اولاد لگتی تھی۔۔۔۔۔۔ میں دو قدم چلا۔۔۔۔۔۔ رکا۔۔۔۔۔۔ اور پیچھے مڑ کر دیکھا۔۔۔۔۔۔ وہ دونوں ہاتھ کو کولہوں پر ٹکائے، سر دائیں طرف ڈھلکائے ، بھنووں کے الٹے سیدھے زاویے بنا بنا کر دیکھ رہی تھی۔ عینک ابھی تک اس کے سنگ مر مر سے ترشے ہوئے ناک پر تھی۔۔۔۔۔۔
آپ کا نام کیا ہے؟میں نے پلکیں جھپکاتے ہوئے کسی پانچ سالہ بچے کی سی معصومیت سی پوچھا۔۔۔۔۔۔
وہ۔۔۔۔۔۔ اس نے مرمریں ہاتھ کی انگلی سے ایک ہوٹل کے طرف اشارہ کیا۔۔۔۔۔۔ ادھر چلو پھر بتاؤں گی۔ یہ کہتے ہی وہ اس طرف قلانچیں بھرنے لگی۔۔۔۔۔۔ شاید اسے یقین تھا کہ میں اس کے پیچھے آؤں گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ میں سر جھکائے دھوبی کے کتے کی مانند اس کے پیچھے چل پڑا۔
ہاں اب بولو۔۔۔۔۔۔ اس نے گھونٹ بھرنے کے بعد کافی کا کپ میز پر رکھتے ہوئے کہا۔۔۔۔۔۔
آپ کا نام۔۔۔۔۔۔ میں نے دوبارہ پوچھا۔۔۔۔۔۔
شیریں۔۔۔۔۔۔ کھٹ سے جواب آیا۔۔۔۔۔۔
میں نے کہا۔۔۔۔۔۔ بہت شیریں نام ہے۔۔۔۔۔۔
جوگی کی کہانی ابھی ادھوری تھی کہ اسے کوئی خیال آیا اور وہ اپنی جیبوں کو ٹٹولنے لگا۔ کچھ لمحوں کے بعد اس نے ایک مڑی تڑی تصویر نکالی جیسے الہٰ دین کے چراغ سے جن نکلتا ہے۔۔۔۔۔۔
یہ تصویر اس لالہ رخ کی۔۔۔۔۔۔ وہ بولا۔۔۔۔۔۔
بہت سندر ہے میرو نے کھلے دل سے تعریف کی۔۔۔۔۔۔
چلو اب کہانی کی طرف آتے ہیں۔ جوگی بہت جوشیلا محسوس ہو رہا تھا۔۔۔۔۔
میں نے لڑکی سے کہا کہ بہت شیریں نام ہے۔۔۔۔۔۔ جواب میں شیریں نے شہادت کی انگلی سے میرے ہونٹوں پر دستک دیتے ہوئے کہا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بالکل تمہاری طرح۔۔۔
مجھے یاد ہے مجھے اس د ن رات کو گھر دیر سے پہنچنے پر اماں سے ڈانٹ پڑی تھی۔۔۔۔۔۔ ہفتے کا دن سہ پہر کا وقت تھا۔ اور میری بے چین و بے قرار نگاہیں گھڑی پر مرکوز تھیں۔۔۔۔۔۔ یا میں جلدی ا ۤ گیا تھا یا اسے آنے میں دیر ہو گئی تھی۔۔۔۔۔۔ پھر وہ آ گئی۔
ہم شاہ غازی کے مزار پر گئے۔ پھول چڑھائے۔۔۔۔۔۔ شاہ غازی کی قبر پر۔۔۔۔۔۔ پھول سجائے۔۔۔۔۔۔ شیریں کی پیشانی پر۔۔۔۔۔۔ ہم ساحل کی گیلی ریت پر چلے۔۔۔۔۔۔ ہماری ہر ملاقات پر ہم ساحل سمندر ضرور جاتے۔۔۔۔۔۔ کیونکہ جب ہم پتھروں پر سر جوڑ کر بیٹھے ہوتے تھے اور ہوا میں نمی ہوتی تھی۔۔۔۔۔۔ ہمارے سامنے چھوٹی بڑی سیپیوں کے ڈھیر ہوتے تھے۔۔۔۔۔۔ اور گیلی ریت سے بنا اک گھروندا۔۔۔۔۔۔ کوئی پہچان نہیں سکتا تھا کہ ہماری آنکھوں سے نکلنے والے آنسو ہماری اندر کے تپش کا نتیجہ ہیں یا فضا کا اثر ہے
اس دن رات گیارہ بجے وہ گھر کو روانہ ہوئی۔ میں سنسان سڑک پر تنہا کھڑا ٹیکسی کا انتظار کر رہا تھا۔ میں شیریں کی خیالوں میں گم تھا کہ اچانک اس کی گاڑی چرر کی آواز کے ساتھ میرے قدموں میں آ کر رکی اور وہ بولی۔۔۔۔۔۔ میں بھول گئی تھی کہ تمہارے پاس گاڑی نہیں ہے۔۔۔۔۔۔ آؤ۔۔۔۔۔۔ آ جاؤ۔۔۔۔۔۔ اس نے فرنٹ سیٹ کا دروازہ کھول دیا۔۔۔۔۔۔
میں تمہیں کیوں یاد رہ گیا۔ میں نے کھڑکی سے باہر دیکھتے ہوئے پوچھا۔۔۔۔۔۔
مجھے ہر وہ شخص یاد رہتا ہے جو مجھ سے ملتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اور تم سے ملتے کتنے لوگ ہیں۔ میں نے پوچھا۔۔
صرف تم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اس کے چہرے پر کوئی تاثُر نہیں تھا۔۔۔۔۔۔ مگر میں محسوس کر سکتا تھا کہ اس کی کالی آنکھوں کی پتلیوں میں قوس قزح کا ہر رنگ باری باری اتر رہا ہے۔۔۔۔۔۔ اس کے طلسمی ہونٹ پھڑپھڑا رہے ہیں۔۔۔۔۔۔ اور اس کی دائیں آنکھ سے ننھا سا شبنمی قطرہ لمبی ناک کی آڑ لیے خاموشی سے اس کے نرم ملائم گالوں سے ہوتا ہوا میرے اس ہاتھ پر آ گرا جو میں نے اس کے ہاتھ پر رکھا ہوا تھا۔ وہ شاید اک ہاتھ سے گاڑی چلانے میں ماہر تھی۔ کیونکہ افق کے اس پار تک سڑک سنسان تھی۔۔۔۔۔۔ زندگی کی سڑک۔۔۔۔۔۔ راستے میں ایسی کوئی رکاوٹ نہیں تھی جو اس کو دوسرا ہاتھ استعمال کرنے پر مجبور کرتی۔
یوں مجھے دیکھتے رہو گے تو میں گاڑی کسی کھمبے سے ٹکرا دوں گی۔۔۔۔۔۔
ٹکرا دو۔۔۔۔۔۔ زندگی نہ سہی موت تو تمہاری صحبت میں آئے گی۔۔۔۔۔۔
وہ ہماری دوسری ملاقات تھی۔ اور اس کی بعد ملاقاتوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ چل نکلا۔۔۔۔۔۔
ہم تاروں کی باتیں کیا کرتے۔۔۔۔۔۔ ہم کہکشاؤں میں نام لکھا کرتے۔۔۔۔۔۔ کلیاں چنتے اور بہاروں میں رقص کیا کرتے۔۔۔۔۔۔ چاند ہمارے ساتھ آ کر باتیں کیا کرتا۔۔۔۔۔۔ اور ستارے ہمارے گرد جمع ہوا کرتے۔۔۔۔۔۔ ہم اک دوسرے کے آنسو پیتے تھے اور ا یک دوسرے کی زندگی جیتے تھے۔ مجھے یاد ہے کہ ایک دن وہ میری گود میں سر رکھے لیٹی تھی اور میرے لب اس کے شبنمی ہونٹوں کے طرف بڑھ رہے تھے تو اس نے شی کر کے منع کر دیا اور بولی۔۔۔۔۔۔ ایسا مت کرو۔ اگر ان ہونٹوں کو تیرے ہونٹوں کے لمس کی عادت پڑ گئی تو میں مشکل میں پڑ جاؤں گی۔۔۔۔۔۔ یہ لب تڑپیں گے۔۔۔۔۔۔ ترسیں گے۔۔۔۔۔۔ اور مجھے ڈر ہے کہ یہ کبھی پیاسے نہ رہ جائیں۔
وقت کے دیو نے اس دن اپنا رخ میری طرف کیا جب میں اک بے فکرے جھینگر کی مانند ترانے گاتا چمن میں اڑان بھرتا تھا۔۔۔۔۔۔ اپنی تتلی کے ساتھ کلی کلی ، گلاب گلاب پھدکتا تھا۔۔۔۔۔۔ گلاب کی پتیوں سے شبنم چکھتا تھا۔۔۔۔۔۔ اور شبنمی ہونٹوں سے پیاس بجھاتا تھا۔۔۔۔۔۔ شاید وقت کو میری خوشی منظور نہیں تھی۔۔۔۔۔۔ کہ اس نے مجھے پیاسا ہی رکھا۔ اس کے والد ان لوگوں میں سے ایک تھے جن کا شہر میں سکہ چلتا ہے۔۔۔۔۔۔ اور وہ گوری اپنے باپ کے ہر حکم کی غلام تھی۔۔۔۔۔۔ اک دن میں نے اس سے پوچھا کہ تمہاری ماں کہاں ہے؟ تو اس کی آنکھوں میں پانی سا آ گیا اور اس نے شہادت کی انگلی سے تین چار مرتبہ اوپر کی جانب اشارہ کیا۔ میں نے سر اوپر اٹھا کر دیکھا تو ہر سو نیلے آسمان کی چادر تنی تھی۔ ہم دونوں کی نظریں ملیں توہم دونوں کی پلکوں پر ننھے ننھے قطرے جھلملا رہے تھے۔۔۔۔۔۔
اس کے باپ کی طرف سے فیصلہ ہوا کہ میں شیریں کا ہمسفر نہیں بن سکتا۔۔۔۔۔۔ یہاں تک کہ میں شیریں کی یادوں کو یاد کرنے کی جرات بھی نہ کروں ورنہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ؟
مجھے اُس آستانے سے اتنے پیار کے ساتھ رخصت کیا گیا کہ جب میں گلی میں کھڑا خود کو اور اُس عظیم الشان بنگلے کو دیکھ رہا تھا تو مجھے پاگل پاگل کا شور سنائی دیا۔۔۔۔۔۔ مڑ کر دیکھا تو کتنے ہی بچے ہاتھوں میں سنگ لیے مجھے مارنے کا اشارہ کر رہے تھے۔
میں دو روز بعد شیریں کے گھر گیا۔۔۔۔۔۔ ابھی اس سے بات شروع ہوئی تھی کہ پل بھر میں وہ باپ کی مضبوط بانہوں میں گرتی پھسلتی اوپر کی جانب گھسٹتی چلی جا رہی تھی۔۔۔۔۔۔
مجھے اس کے باپ نے کہا کہ تم اس لڑکی کے بارے میں سوچنا بھی مت۔
وہ لڑکی جو ہوا کے ذرا سے جھونکے پر نرم ملائم شاخ کی طرح ڈولنے لگتی تھی۔ وہ لڑکی جو بادلوں سے برسے بارش کے پہلے قطرے پر مچھلی کی طرح تڑپتی تھی۔ اور کوئل بن کر کلیوں کے گرد گھوم گھوم کر گانا گایا کرتی تھی۔۔۔۔۔۔ وہ لڑکی جو بات کرنے سے پہلے ہلتی تھی اور ہلنے کے بعد بولتی تھی۔۔۔۔۔۔ اپنے باپ کے اس فیصلے پر ذرا نہ ہلی۔۔۔۔۔۔ وہ ہل سکتی تھی مگر اس کی بد ن کے ذرّہ برا بر بال نے بھی ذرا سی جنبش نہ کی۔۔۔۔۔۔ اور میں جو ہر لمحہ پتھروں کی چٹان کی مانند پر سکون اور گندے جوہڑ میں کھڑے پانی کر طرح ساکت تھا جس پر کتنے ہی قسم کے حشرات الارض بھنبھناتے رہتے تھے۔۔۔۔۔۔ میں جو برگد کے پیڑ کی مانند بے حس و حرکت رہتا تھا اس فیصلے پر اس شدت سے مچلا کہ میرے انگ انگ میں لاوا سما گیا۔۔۔۔۔۔
شیریں کیا تم اس فیصلے پر تم خوش ہو؟
ہاں۔۔۔۔۔۔ تھوڑی سی خاموشی کے بعد اس شدت سے آواز آئی جیسے دور پہاڑوں سے کوئی گونج سنائی دیتی ہے۔
میں بولا۔۔۔۔۔۔ شیریں کیا تم بھول گئی ہو کہ ہم نے شاہ غازی کے مزار پر اک دوسرے کے نام کے کنگن پہنے تھے۔۔۔۔۔۔ مندر پر گئے تھے تو میں نے تمہاری سنہری زلفوں میں پیلے پیلے پھولوں والے گجرے سجائے تھے۔۔۔۔۔۔ اور تم نے کہا تھا۔۔۔۔۔۔ تم نے کہا تھا یہ پیلے پھول میری زلفوں میں ہی رہیں۔ یا خدا ایسا موقع نہ آئے کہ میں زرد پھولوں کو جھولی میں ڈال کر پتی پتی آنسو بہاؤں۔۔۔۔۔۔ اور میں نے جھٹ سے تمہارے لبوں پر ہاتھ رکھ دیا تھا۔ شیریں یاد کرو جب ہم سینما میں بیٹھے فلم دیکھتے تھے اور اک دوسرے کی آئس کریم کھاتے تھے۔۔۔۔۔۔ اک دوسرے کے سٹرا سے فانٹا پیتے تھے۔۔۔۔۔۔ لوگ کن انکھیوں سے ہماری جانب دیکھ کر مسکراتے تھے اور بڑبڑاتے تھے۔۔۔۔۔۔ شیریں وہ کہتے تھے کہ یا خدا اِن دونوں کو سدا خوش رکھ۔۔۔۔۔۔ شاید تم بھول گئی ہو کہ جب ہم سمندر کی گیلی ریت پر دوڑتے تھے تو لوگ ہمیں دیکھ دیکھ کر ہنستے تھے۔۔۔۔۔۔ نہیں۔۔۔۔۔۔ شاید وہ ہنس ہنس کر ہمیں دیکھتے تھے اور ہم سمندر میں دور تک پتھر پھینکتے تھے۔۔۔۔۔۔ تم نے کہا تھا کہ جس کا پتھر دور جائے گا وہ زیادہ محبت کرتا ہے۔۔۔۔۔۔ اور مجھے یاد ہے کہ میرا پتھر۔۔۔۔۔۔ تمہارے پتھر سے پیچھے گرا تھا۔۔۔۔۔۔ تمہیں شاید ریت پر بنائے ہوئے کچے گھروندے اور وہ تصویریں بھول گئیں ہیں جو ہم اک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر بناتے تھے۔ اور تمہیں شاید وہ کون آئس کریم والا یاد نہیں جو کمپنی باغ کے باہر کھڑا ہوتا تھا۔۔۔۔۔۔ اور ہم دونوں کو دیکھ کر اس کے ہونٹوں پر معنی خیز ہنسی امڈ آتی تھی۔۔۔۔۔۔ مجھے یاد ہے کہ اک دن اس نے ہم دونوں کو مفت آئس کریم کھلائی تھی۔۔۔۔۔۔ اور اپنے جھریوں والے پوپلے ہاتھ ہمارے سر پر پھیرے تھے۔۔۔۔۔۔ اور سرگوشی کی تھی۔۔۔۔۔۔ تم نے وہ سرگوشی نہیں سنی تھی وہ کہ رہا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا۔۔۔۔ ؟
میں نے سر اٹھا کر دیکھا کہ میں کمرے میں اکیلا ہوں۔۔۔۔۔۔ شیریں اور اس کا باپ کب کے جا چکے تھے۔ مجھے خیال آیا کہ میری باتیں کون سن رہا تھا؟
شا ید وہ سرخ رنگ کا فون۔۔۔۔۔۔ میں دوڑ کر فون کے پاس گیا۔۔۔۔۔۔ اور بولا
تم سب کی باتیں سنتے ہو۔۔۔۔۔۔ تم نے میری گریہ ہ و زاری بھی سنی ہے۔ تو یہ سب باتیں شیریں کو بتا دینا۔ پھر میں نے کرسی پر چڑھ کر اس کلاک کی طرف ہاتھ بڑھایا۔ جو آٹھ بجے کا راگ الاپ رہا تھا۔ میں نے کلاک اتار کر ہاتھ میں تھام لیا اور بولا۔۔۔۔۔۔ وقت۔۔۔۔۔۔ اے وقت۔۔۔۔۔۔ تو سب کی سنتا ہے۔۔۔۔۔۔ جو تیری نہیں سنتا۔۔۔۔۔۔ تو اسے بھول جاتا ہے۔۔۔۔۔۔ اے وقت دیکھ میں تیری ٹک ٹک سن رہا ہوں۔۔۔۔۔۔ دیکھ میں نے تجھے ہاتھوں میں تھام رکھا ہے۔۔۔۔۔۔ لیکن تو رکتا ہی نہیں۔۔۔۔۔۔ یہ شیشے کے جیسی رکاوٹ کیا ہے۔۔۔۔۔۔ وہ لمبی سی کالی سوئی اپنے محور کے گرد گھوم رہی ہے اور تجھے مجھ سے دور کر رہی ہے۔۔۔۔۔۔ رک جا۔۔۔۔۔۔ اے وقت رک جا۔۔۔۔۔۔ دیکھ۔۔۔۔۔۔ تو نے میرے ساتھ کیا کیا۔ پھر میں شاید میز پر سجی سرخ رنگ کی اس مورتی کی طرف گیا۔۔۔۔۔۔ اور بولا۔۔۔۔۔۔ سنا تھا کہ پریاں غیبی امداد کرتی ہیں۔۔۔۔۔۔ میری پیاری لال پری۔۔۔۔۔۔ دیکھ میرے آنسووں میں بھی تیرا عکس جھلکتا ہے۔۔۔۔۔۔ ذرا دیر کو سانس لے کہ میں تمہیں اپنی کتھا سنا سکوں۔ کمرے کی ہر چیز کو میں نے اپنا دکھ سنایا۔۔۔۔۔۔ مگر کوئی شے میرے دکھ میں ہمسفر نہ بن سکی۔۔۔۔۔۔ اچانک اوپر والی منزل سے دوڑنے کی آواز آئی۔۔۔۔۔۔ شیریں زرق کپڑوں میں ملبوس نیچے لپکی اور چلائی۔۔۔۔۔۔ مر جاؤ۔۔۔۔۔۔ خود بھی مر جاؤ۔۔۔۔۔۔ اور مجھے بھی ختم کر دو۔۔۔۔۔۔ مگر یہ الم، یہ دکھ ، یہ باتیں ان بے زبان اشیاء کے ذہن میں نقش نہ کرو کہ کالی سیاہ راتوں میں یہ سب چیزیں مجھے بچھوؤں کی طرح ڈنک ماریں گی۔۔۔۔۔۔ طوفانی راتوں میں ایک ایک کر کے میرے گرد خوفناک ہیولوں کی طرح رقص کریں گی۔۔۔۔۔۔ شیریں مجھے باہر کے دروازے کی طرف دھکیلنے لگی اور دروازہ کھٹ سے بند کر دیا۔ مجھے یوں محسوس ہوا جیسے دوسری جنگ عظیم میں ہیروشیما اور ناگا ساکی کے شہریوں کو ایٹم بم گرنے کے بعد محسوس ہوا ہو گا کہ ان کی زندگی کا پردہ یکدم تاریک ہو گیا ہے۔۔۔۔۔۔ میں ہر روز اس کے گھر گیا۔۔۔۔۔۔ واپس آیا تو میرے جسم کا کوئی نہ کوئی حصہ چیخ چیخ کر ان لوگوں کی میزبانی کا اعتراف کر رہا ہوتا تھا۔۔۔۔۔۔ اور میرے قمیض کے کسی نا کسی کونے میں اک نیا چیتھڑا نمودار ہو چکا ہوتا تھا۔۔۔۔۔۔ پھر اک دن وہ بازار کو نکلی۔۔۔۔۔۔ میں اس کے سامنے آ گیا۔۔۔۔۔۔ مجھے سامنے پا کر وہ اس طرح بدک کر رکی جیسے کوئی معصوم سا چوہا بے خبری میں کسی موٹی تازی بلی کے سامنے آ جاتا ہے۔۔۔۔۔۔ اس دن وہ ذرا دیر سے گھر پہنچی۔۔۔۔۔۔ اس لیے کہ ہم نے کچھ دیرکمپنی باغ میں اک بڑی سی جھاڑی کے پیچھے بیٹھ کر باتیں کی تھیں۔۔۔۔۔۔
پھر خوش قسمتی سے وہ مجھے گھر میں مل گئی۔۔۔۔۔۔ کتنا خوبصورت تھا وہ لمحہ۔۔۔۔۔۔ بالکل چودھویں کی رات کی طرح۔۔۔۔۔۔ اس کے لبوں کے جام اور اس کی آنکھوں سے نکلے شراب کے قطرے، جنہیں چلو میں بھر کر میں نے حلق میں انڈیل لیا تھا اور سرور کی کیفیت سے میرے انگ انگ میں مستی چھا گئی تھی۔ اس دن اس نے کہا تھا کہ ذرا اِن لبوں کو تیرے ہونٹوں کا لمس محسوس کر لینے دو۔۔۔۔۔۔ شاید کہ ساری عمر پیاسا رہنا پڑے۔۔۔۔۔۔ اور میں نے شی کر کے اس کو منع کر د یا کہ کہیں عادت نہ ہو جائے۔۔۔۔۔۔ پھر اک گاڑی گیراج میں آ کر رکی۔۔۔۔۔۔ اس کے باپ نے ہم دونوں کو دیکھا تو آپے سے باہر ہو گیا۔ اس نے دراز سے پستول نکالا اپنی کنپٹی پر رکھا اور بولا۔۔۔۔۔۔
بول شیریں کون چاہئے؟
شیریں نے میری طرف دیکھا اور پھر اپنے باپ کی طرف اور پھر سامنے کلاک کو دیکھا۔۔۔۔۔۔ آٹھ بج رہے تھے۔۔۔۔۔۔ اس نے کرب کی شدت سے گردن بائیں طرف اپنے باپ کی طرف ڈھلکا دی۔ اِس دفع آنسو اس کی دائیں آنکھ سے نکلا تاکہ میں یہ دیکھ سکوں کہ یہ اس کے دل کا فیصلہ نہیں ہے۔۔۔۔۔۔ میری زندگی شیشے کے اتنے چھوٹے چھوٹے ذرات میں تقسیم ہو کر رہ گئی کہ کوئی اسے شیشہ ماننے پر تیا ر نہ تھا۔
میں چیخا۔۔۔۔۔۔ چلایا۔۔۔۔۔۔ میری ہر فریاد بے اثر گئی۔۔۔۔۔۔ چند ساعتوں میں مجھے نرم و دبیز قالین سے مٹیالے فرش پر لا کھڑا دیا گیا۔۔۔۔۔۔ میرے سامنے فولادی دروازہ تھا جسے میں ساری عمر بھی ٹکریں مارتا تو اس کی ایک میخ بھی اپنی جگہ سے ہلنے نہ پاتی۔ کتنے ہی لمبے لمبے دن اور کتنی ہی سرد راتیں میں نے اس کے گھر کے باہر گزار دیں مگر ایک مرتبہ بھی اوپر کے کمرے کی بتی روشن نہ ہوئی۔۔۔۔۔۔ کسی ایک پل کو بھی کھڑکی کے پردے میں سرسراہٹ نہ ہوئی۔۔۔۔۔۔ میں روتا رہا۔۔۔۔۔۔ گھومتا رہا۔۔۔۔۔۔ ادھر ادھر۔۔۔۔۔۔ کوچہ کوچہ۔۔۔۔۔۔ قریہ قریہ۔۔۔۔۔۔ کونہ کونہ۔۔۔۔۔۔ مجھے معلوم تھا کہ وہ ہر شام آٹھ بجے کلاک سے باتیں کرتی ہو گی۔ اور پوچھتی ہو گی کہ میں کیا کہہ کر گیا تھا۔۔۔۔۔۔ مجھے یقین تھا کہ وہ اس لال پری کے سامنے گھٹنے ٹیک کر بیٹھتی ہوگی۔۔۔۔۔۔ ٹھوڑی میز پر ٹکاتی ہو گی اور دونوں ہاتھوں سے اس مورتی کو پیار کرتی ہو گی۔۔۔۔۔۔ روتی ہو گی اور اس سے پوچھتی ہو گی کہ میرا ساجن کیا کہہ گیا تھا۔۔۔۔۔۔ اور روتی روتی اس میز پر سر ٹکا کر سو جاتی ہو گی۔۔۔۔۔۔ پھر کسی وقت سرخ فون کی گھنٹی اس کی نیند میں دخل انداز ہوتی ہو گی اور کمرے کے پردے طوفان باد و باراں سے اڑنے لگتے ہوں گے۔۔۔۔۔۔ کمرے کی ہر شے اس کے گرد رقص کر تی ہو گی اور چاند اپنا چہرہ کھڑکی سے ہٹا لیتا ہوگا۔۔۔۔۔۔
اس لڑکی کی چا ہت مجھے جیل لے کر گئی۔۔۔۔۔۔ اس کی وجہ سے مجھے ہسپتال کے اتنے چکر کاٹنے پڑے کہ لوگ مجھے ہسپتال کے عملے کا فرد سمجھنے لگے۔۔۔۔۔۔ اور میں قسمت کے ہاتھوں میں دربدر کی ٹھوکر یں کھاتا لاہور پہنچا ہوں۔
جوگی نے شیریں کی تصویر جسے میرو بہت مگن ہو کر دیکھ رہا تھا۔۔۔۔۔۔ اس کے ہاتھ سے کھینچ لی اور بولا، کہانی ختم، پاگل اب جاؤ۔۔۔۔۔۔ پاگل۔۔۔۔۔۔ وہ اٹھا اور سر دھنتا ہوا اپنے راستے کو ہو لیا۔۔۔۔۔۔
میرو نے آسمان کی جانب دیکھا تو چاند سفر طے کرتا کرتا اس کے سر پر آن پہنچا تھا۔۔۔۔۔۔ یاد آیا سیمو کا ڈنر۔۔۔۔۔۔ یاد آیا بچوں کا فن لینڈ۔۔۔۔۔۔ یاد آئی اماں ابا سے ملاقات۔۔۔۔۔۔ اور جوگی کی درد بھری داستان۔۔۔۔۔۔
سیمو نے حسب روایت پتھر چہرے کے ساتھ میرو کا استقبال کیا۔۔۔۔۔۔ باقاعدہ بچوں کے کمرے کا دروازہ کھول کر ان کا درشن کروایا کہ وہ صدیوں سے انتظار کرتے کرتے نیند کی آغوش میں جا سوئے ہیں۔۔۔۔۔۔ مگر ان کی پلکیں لمحہ بہ لمحہ پھڑپھڑا رہی ہیں۔۔۔۔۔۔ تم کبھی وقت پر نہیں آئے۔۔۔۔۔۔ میری کوئی قدر نہیں۔۔۔۔۔۔ میں صرف اس لیے ہوں کہ کھانا بنا کر رات گئے تک تمہارا انتظار کروں۔۔۔۔۔۔ وہ اٹھ کر سیمو کے پاس گیا۔۔۔۔۔۔ اور بولا سیمو وہ کلاک دیکھ رہی ہو۔ آج اس کلاک کا وقت ہمارے ہاتھ میں ہے۔ یہ فون دیکھ رہی ہو سیمو۔۔۔۔۔۔ ہم ایک دوسرے کے دکھ فون کو نہیں سناتے۔۔۔۔۔۔ اور سیمو وہ شیشے کی گڑیا دیکھ رہی ہو جس کے ہاتھ میں ستارے والی چھڑی ہے۔۔۔۔۔۔ میں ڈرتا ہوں کہ مجھے یا تمہیں کبھی میز کنارے بیٹھ کر اس گڑیا سے باتیں نہ کرنی پڑیں۔۔۔۔۔۔ میری دنیا تم ہو۔۔۔۔۔۔ باقی سب پاگل۔۔۔۔۔۔
کلاک بارہ بجے کا گیت سنا رہا تھا۔۔۔۔۔۔ کھڑکیوں کے پردوں سے چاندنی چھن چھن کر آ رہی تھی۔۔۔۔۔۔ وہ دونو ں میاں بیوی کمرے کے درمیان بغل گیر تھے۔۔۔۔۔۔ کمرے کی ہر شے ان کے گرد رقص کر رہی تھی۔ ان کو معلوم ہی نہ ہو سکا کہ دروازے کی جھری سے دو بچوں کی آنکھیں ان دونوں کو دیکھ رہی ہیں۔۔۔۔۔۔ آخر کو بچے بھی باپ کا انتظار کر رہے تھے۔۔۔۔۔۔ اچانک بچے باہر کو دوڑ آئے اور ماں باپ کے گرد رقص کرنے لگے۔۔۔۔۔۔ گانے لگے۔۔۔۔۔۔ پاگل پاگل۔۔۔۔۔۔ ساری دنیا۔۔۔۔۔۔ پاگل پاگل۔۔۔۔۔۔
اگلے دن میرو دفتر سے لوٹتے ہوئے پھر اس جوگی کا ناچ دیکھنے کے لیے رک گیا۔۔۔۔۔۔ موسم خنک تھا۔۔۔۔۔۔ جہاں زمین اور آسمان لب بہ لب ہوتے ہیں وہاں سرخی پھیلی ہوئی تھی۔۔۔۔۔۔ فضا میں دو کبوتر چونچیں لڑا رہے تھے۔۔۔۔۔۔ اک کوئل گیت گا رہی تھی۔ اور کسی کو تلاش کر رہی تھی۔
انجن کا ہارن بجا۔۔۔۔۔۔ گاڑی اسٹیشن پر آ کر رکی۔ خوبصورت کپڑوں میں ملبوس اک عورت دوڑتی ہوئی ہجوم کی طرف آئی۔۔۔۔۔۔ لوگوں نے اس کے لیے اس طرح راستہ بنایا جیسے دریائے نیل نے موسیٰ کی قوم کے لیے راستہ بنایا تھا۔۔۔۔۔۔ وہ عورت جوگی کے قریب آئی۔۔۔۔۔۔ زمین سے دو مٹھی مٹی بھر کر اپنے سر پر ڈالی۔۔۔۔۔۔ پھر اپنے کپڑوں کو مٹیالہ کیا۔۔۔۔۔۔ آستین پھاڑی۔ جوگی کا ہاتھ پکڑا۔ دونوں نے بازو فضا میں بلند کیے۔۔۔۔۔۔ سر جھکائے۔۔۔۔۔۔ سر ہلائے۔۔۔۔۔۔ دائیں سے بائیں۔۔۔۔۔۔ بائیں سے دائیں۔۔۔۔۔۔ اور پیر تھپک تھپک کر رقص کرنے لگے۔۔۔۔۔۔ سر دھننے لگے۔ اب کی بار ایک گھنٹی جوگی جبکہ دوسری گھنٹی جوگن کے ہاتھ میں تھی۔ لوگوں کا ہجوم تیزی سے بڑھتا چلا جا رہا تھا۔۔۔۔۔۔ اور فضا اِن الفاظ سے گونج رہی تھی
پاگل پاگل۔۔۔۔۔۔ ہم سب پاگل۔۔۔۔۔۔ تم سب پاگل۔۔۔۔۔۔ دنیا والے سارے پاگل
میرو نے آسمان کی طرف سر اٹھا کر دیکھا کہ کوئل خاموش تھی اور اپنے ساتھی کے ساتھ اڑان بھر رہی تھی۔ اس نے گھڑی پر وقت دیکھا۔۔۔۔ آٹھ بجے تھے۔ یہ وقت کراچی سے آنے والی گاڑی کا تھا۔ وہ مسکرایا اور آگے بڑھ گیا۔
٭٭٭
مردے
کاکا میں اس واہیات نوکری سے عاجز آ چکا ہوں کل ہی تو بڑے ابو کہہ رہے تھے، رامو یہ نوکری چھوڑ دے سارا دن مردوں کے درمیان رہتا ہے ، خوب بھی مردوں جیسا ہو گیا ہے۔ ہنستا ہے نہ روتا ہے بس پتھر کے بت کی طرح ہر ایرے غیرے کی اناپ شناپ سنتا رہتا ہے، کبھی دیکھا ہے جود کو آئینے میں۔ ان کمبخت مردوں نے لال چہرے سے ہنسی نچوڑ کر رکھی دی ہے۔ اور کاکا ٹھیک ہی تو کہتے ہیں بڑے بابو جی جب بھی مردہ خانے میں کوئی نیا مردہ لایا جاتا ہے تو ایسا لگتا ہے کسی نے میرے جسم میں کیل سا ٹھونک دیا ہے۔ کسی مردے کو چیک کرنے کے لئے اس کا خانہ کھولتا ہوں تو وہ زبردستی میرے جسم مین گھسنے کی کوشش کرتا ہے۔ ان گندی گندی لاشوں کی سڑاند کی وجہ سے میرے انگ انگ سے بدبو کے بھبھوکے اڑ رہے ہیں۔وہ مردود مرحوم تو مزے سے درازوں میں پڑے سو رہے ہیں اور میرا جینا محال کر رکھا ہے۔ لقمہ منہ میں ڈالنے لگتا ہوں تو خنزیر کی طرح منہ کھولے، لال لال زبانیں نکالے دوڑے چلے آتے ہیں۔کل صبح میں نہا رہا تھا تو میرے ارد گرد ناچنے لگے ، ذرا سی حیا نہیں آئی۔ خود انہوں نے پاجامے پہن رکھے تھے اور مجھے ایسے دیدے پھاڑ پھاڑ کر دیکھ رہے تھے۔
جیسے میں کالا بھجن رامو نہ ہوا، بالی وڈ کی کوئی حسینہ ہو گئی جو مست نشیلی صبح میں گنگا کنارے اشنان کے مزے لوٹ رہی ہو۔اور کاکا میں کہیں جاتا ہوں تو قافلہ بنا کر میرے پیچھے ٹرین کے ڈبوں کے طرح چھک چھک کر تے چلے آتے ہیں۔ میں کل ہی انسپکٹر صاحب سے کہے دیتا ہوں کہ یہ جلی سڑی نوکری مجھے نہیں کرنی ہے ،آگے جو ہوا سو دیکھا جائے گا۔ آخری دن رامو نے ہر مردے کا دراز کھول کھول کر ان کو زبان دکھائی ، زور زور سے بد مست قہقہے لگائے اور سب مردوں کا منہ دراز سے باہر نکال کر اک الوداعی تقریر کرنے لگا، مگر مچھ کے آنسو بہانے لگا۔ کیا دیکھتا ہے کہ تمام مردے ایک ایک کر کے اپنے اپنے درازوں سے مینڈک کی طرح اچھل کر باہر نکلے اور پھدک پھدک کر اس کے گرد جمع ہونے لگے ،چند مردے اس کے پاؤں میں پڑ گئے وہ بدک کر پیچھے ہٹا۔
مردوں سے آمنا سامنا ہونا اس کا معمول کا کام تھا ، اور جس دن آتے جاتے، سوتے جاگتے اسے کوئی مردہ نہیں ٹکراتا تھا تو اسے پتہ چل جاتا تھا کہ آج ان شیطانوں کے ساتھ کچھ پرابلم ہو گئی ہے۔ اس دن رامو لازمی لازمی دو چار رکعت نفل نماز ادا کر کے سوتا تھا۔ اس کے گرد جمع ہونے والے مردوں میں ایک عورت بھی تھی۔وہ خراماں خراماں چلتی ہوئی رامو کے پیچھے آن کھڑی ہوئی، اور اس کی کمر میں بازو ڈال کر بولی۔۔نہ جاؤ میرے پیارے رامو۔۔مت جاؤ ہر عورت کی آرزو ہوتی ہے کہ اسے کوئی جیتی جاگتی آنکھیں اس طرح پیار سے دیکھیں جیسے کوئی قصائی موٹی تازی بھینس کو دیکھ کر اپنے اوزار تیز کرنے شروع کر دیتا ہے۔ جب تم میرا دراز کھول کر مجھ پر جادو بھری نظر ڈالتے ہو تو میرا من کرتا ہے کاش تم بھی یہاں میرے ساتھ ہوتے۔۔دھت تیرے کی۔۔رامو نے دھکا دے کر اسے پیچھے ہٹایا اور دروازے کی طرف بڑھنے کی جستجو کرنے لگا۔اک معصوم سا بچہ اس کے سامنے اکھڑا ہوا اور انتہائی لجاجت سے بولا رامو کاکا۔میرے چاچا نے تو مجھے مار کر دریا میں پھینک دیا تھا۔اب تم ہی ہو جو میرا خیال رکھتے ہو، تمہارے دل میں میرے لیے جذبہ ترحم موجوں کی طرح سر اٹھاتا ہے اور مجھے یہ ہمدردی، یہ جنون یہ انسانیت کا روپ از حد سرور دیتا ہے۔ میرے ننھے سے دل میں چاشنی بھر دیتا ہے، میرے لیے رک جاؤ۔پلیز مت جاؤ۔۔چل ہٹ بڑا آیا تقریر کرنے والا۔ میں تیرے باپ کا غلام ہوں جو جیتی جاگتی رنگین دنیا چھوڑ کر تم خارش زدہ کتوں کے ساتھ آ کر اس قبر میں سو رہوں۔ ابھی رامو کی بات مکمل نہ ہوئی تھی کہ اک زور دار تھپڑ اس کے گال پر لگا، یہ کارنامہ سر انجام دینے والا موصوف اک ہٹا کٹا جوان مردہ تھا۔ اس کے حلق میں اک سوراخ تھا جس سے تازہ خون رس رس کر میلی گردن پر ندی نالے بنا رہا تھا۔ وہ مردہ خون میں انگلیاں تر کر کے بڑی رغبت سے چاٹ رہا تھا۔ غصے سے بولا۔بچے کو کیوں جھڑکتے ہو، آؤ میرے ساتھ بات کرو۔ وہ بدمعاش مردہ قدم بہ قدم اس کی طرف بڑھنے لگا۔ رامو سہم کر پیچھے دیوار کی جانب ہٹنے لگا تو کسی چیز سے اس کی کمر ٹکرائی اس نے ہاتھوں سے ٹٹول کر دیکھا تو کسی نرم نرم چیز کا احساس ہوا۔ اور اک قلقاریاں مارتا، ہکلاتا ، نسوانی قہقہہ بلند ہوا۔ رامو نے خوف سے مڑ کر دیکھا تو وہی پہلے والی عورت وہاں کھڑی ہنس رہی تھی ، رامو نے تنگ آ کر سب کو کوسنا شروع کر دیا۔اور ان کی منتیں کرتے ہوئے بولا۔تم اگر خوش نہیں رہ سکتے تو کم از کم مجھ غریب پر رحم کرو۔ مجھے یہاں سے جانے دو۔۔ ابھی تو میری شادی بھی نہیں ہوئی ہے اور تو تجھے ذرا سی شرم آتی۔۔نجانے زندگی میں کتنے کتوں کو اپنے جسم کے گوشت کا ذائقہ چھکایا ہے، مرنے کے بعد بھی پیاس نہیں بجھی۔
رامو کی بہکی بہکی باتیں سن کر عورت غصے میں آ گئی، اس کے لمبے لمبے نوکیلے دانت نکل آئے، ناخن تلوار کی دھار کی طرح لشکارے مارنے لگے، آنکھوں میں لہو رقص کرنے لگا اور ا اس کی ہئیت دیکھ کر رامو کی پینٹ گیلی ہونے کو آ گئی۔ اس کو اپنی قضا سامنے نظر آ رہی تھی۔ اس نے اک گہرا سا سانس لیا اور کبوتر کی طرح آنکھیں موند لیں۔ مگر اسے کچھ لمحوں بعد ہونٹوں پر ٹھنڈے ٹھنڈے لبوں کا لمس محسوس ہوا۔ مردے ٹھنڈے ہی تو ہوا کرتے ہیں۔ یہ سوچ کر جب اس نے آنکھیں کھولیں تو پھر اسی عورت کو مہو تبسم نظر مجسم پایا۔ حقارت سے رامو نے اس کو ایک طرف دھکیل دیا اور بولا گرمی تو تجھ میں ذرا سی نہیں اور بدن سے چمٹی چلی جاتی ہے۔ رامو کی سمجھ میں یہ نہیں آ رہا تھا کہ ان مردوں سے جان کیسے چھڑائے ،اچانک اس کے بھوسے بھرے دماغ میں اک چلبلا سا خیال جگمگایا اور وہ مردوں کے پیچھے کی جانب اشارہ کر کے کچھ چلایا۔ تمام مردوں نے سر گھما کر پیچھے دیکھا اور یہی وہ لمحہ تھا جس کا رامو کو انتظار تھا۔
اس نے خرگوش کی طرح جست لگائی اور اس برق رفتاری سے وہاں سے رفو چکر ہوا کہ جتنی دیر میں بدمعاش مردہ اس کو پکڑنے کی کوشش کرتا وہ آنکھوں سے اوجھل ہو چکا تھا۔ اک گلی میں پہنچ کر دیوار کے سائے میں آرام کرنے کی غرض سے بیٹھا اور بڑبڑانے لگا ناہنجار کہیں کے۔ اک جیتے جاگتے انسان کو مرحوم بن جانے کی پیش کش کر رہے تھے۔ بھلا یہ بھی کوئی بات ہے۔ نہیں پسند یہ نوکری تو نہیں پسند۔۔اچانک کوڑے کے ڈھیر کے پیچھے سے اک کھڑا کھڑا تا قہقہہ سنائی دیا۔۔ وہاں سے بوڑھا مردہ نمودار ہو رہا تھا۔۔تت تت تم یہاں بھی پہنچ گئے۔۔جیتے جی کیا گھڑ دوڑ میں حصہ لیتے رہے تھے بوڑھے گھوڑے۔۔یہ کہنے کے بعد رامو وہاں سے ایسا رفو چکر ہوا کہ پھر کبھی اس نے مردہ خانے کے راستے کا رخ نہیں کیا۔
بڑے بابو نے رامو کو شیخ صاحب کی دکان پر ملازم رکھوا دیا۔مگر ان مردوں نے اس کا پیچھا نہیں چھوڑا۔ اک دن وہ اکیلا گھر میں لمبی تان کر سو رہا تھا کہ اسے چوڑیوں کے کھنکنے کی آواز آئی وہ چونک کر اٹھا آواز لگاتا اپنی ساز و ترنم کے ساتھ اس کی قوت سماعت سے ٹکرا رہی تھی۔ بلی طرح اس کے کان کھڑے ہو گئے، لومڑی کی طرح دماغ نے کام کرنا شروع کر دیا اور وہ کتے کی طرح سونگھتا سونگھتا چور قدموں سے آواز کی جانب جانے لگا۔ آواز کچن سے آ رہی تھی۔ کیا دیکھتا ہے کہ وہی مردہ خانے والی اس کی دیوانی عورت انتہائی سلیقہ شعاری سے کچن میں کام کر رہی تھی۔اس کا منہ دروازے کی طرف تھا۔ وہ رامو کو دیکھ کر ڈری اور رامو اس سے ڈر کے کچن کی دیوار سے جا ٹکرایا۔ رامو کی تو گھگی بندھ گئی۔ اتنے میں غسل خانے سے بد معاش مردہ نچلے دھڑ پر تولیا لپیٹے باہر نکلا، بغلوں میں منوں پاؤڈر چھڑکا ہوا تھا۔ رامو تنک کر لگتا ہے پہلی دفعہ نہائے ہو ماٹے گینڈے۔ شاید ساری عمر گندے پانی میں لاتیں پسار کر جگالی کرتے رہے ہو۔ ابھی رامو اس کی شان میں قصیدے پڑھ رہا تھا کہ کاکا کے کمرے سے بوڑھا مردہ کاکا کی بنیان اور دھوتی پہنے سر پر تیل لگاتا بر آمد ہوا۔ اسے دیکھ کر رامو کا پارہ چڑھ گیا۔ وہ چلاتے ہوئے بولا۔ یہ میرے کاکا کی دھوتی ہے۔ اتار اسے بوسیدہ بدن سے۔۔رامو اس کی طرف بڑھا مگر اس کے ہاتھ کچھ نہ آیا۔اس کے بعد گھر کے کونے کونے سے عجیب الاقسام شکل والے بیسیوں مردے بھانت بھانت کا روپ دھارے کمرے میں جمع ہونے لگے۔ رامو چیخا تو مردے بھی چیخنے لگے۔ اس نے اک مردے کو مکا لہرا کر دکھایا تو جواب میں مردوں نے شیم شیم کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔ بے بسی سے رامو کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تو مردوں نے دھاڑیں مار مار کر سینہ کوبی شروع کر دی۔ رامو تلملا کر رہ گیا۔ بھلا وہ ان مرے ہوئے مردوں کا کیا بگاڑ سکتا تھا۔ اسی دوران سردار مردہ صحن سے بڑے بابو جی کی شیروانی پہنے اندر آیا اور رامو سے مخاطب ہوا۔ سن رامو ہماری دنیا تیرے سنگ آباد تھی۔ تیرے ساتھ رہنے اور تیری صورت دیکھنے کی عادت سی ہو گئی تھی۔اچھا رہے گا اگر تو ہماری دنیا اور اپنی نوکری پر واپس لوٹ آئے، ورنہ یاد رکھ۔ساری عمر دم نہ لینے دیں گے یہ کہتے ہی سب کے سب مردے گدھے کے سر سے سینگ کی طرح غائب ہو گئے۔ اس نے جی بھر کر ان بد ذات مردوں کو صلواتیں سنائیں ، مکے دکھائے مگر اب کی بار اسے کوئی جواب نہیں ملا۔ وہ مایوسی کے عالم میں چارپائی پر جا لیٹا اور اپنے پیدا ہونے کو کوسنے لگا۔ جب کاکا گھر لوٹا تو اسے گم سم دیکھ کر پریشانی کی وجہ جاننے کی کوشش کی۔ رامو کے جذبات کا کچا پل چھناک کر کے ٹوٹا اور الفاظ شکووں ، شکایتوں ، دکھ ، غم اور کانٹوں کی طرح اس کے بے بس دل و دماغ سے رہ رہ کر ابھرنے لگے، جیسے مدو جزر میں طوفانی لہریں اڑ اڑ کے چاند کی سطح کو چھو لینے کو بے تاب ہوتی ہیں۔
بڑی خونخوار اور پیاسی کچھ مہینوں میں نے ان کی رکھوالی کیا کی۔ مجھے اپنے اماں ، ابا، شوہر ، عاشق، بہن ، بھائی سمجھنے لگے۔ اچانک اس کو اپنی کسی سنگین غلطی کا احساس ہوا تو اس نے کھی کھی کرتے ہوئے ماں اور بہن کا لفظ ان رشتوں میں سے نکال دیا۔کہنے لگا۔ ابھی سب کے سب عدالت لگا کر گئے ہیں۔فیصلہ یہ سنایا ہے ان کے سردار نے کہ میں دوبارہ مردہ خانے کی نوکری کرنی شروع کی ہے تو نفسیاتی مریض بن گیا ہے، اب چھوڑ بھی دی ہے پھر بھی ان منحوسوں کے اثرات تجھ پر باقی ہیں۔ ڈاکٹر سے علاج کروا اپنا جا کر کاکا نے اس کو دلاسے دینے کی بجائے اس کو لیکچر دینا شروع کر دیا۔
ارے کاکا اسے مذاق مت سمجھو۔۔تیری قسم وہ آئے تھے۔پوری انتخابی مہم چلا کر گئے ہیں اور اپنی پارٹی کا ٹکٹ مجھے دے کر چوکیدار کے عہدے کے لئے نامزد کیا ہے۔ اور تو اور اس نامراد بوڑھے مردے نے تمہاری دھوتی اور بنیان بھی پہنی تھی۔ کیا کاکا کے حلق کی گہرائی سے شیطان کی آنت جتنا اک ناچتا لہراتا کیا بر آمد ہوا۔۔تھوک پوپلے گلے میں اٹک کر رہ گیا۔۔اور کاکا ہونق بنا رامو کو دیکھنے لگا۔۔اس دن کے بعد روزانہ کوئی نہ کوئی مردہ اسے کسی نا کسی روپ میں ملتا، کبھی صبح صبح رامو دوکان کھولتا تو کوئی مردہ شیخ صاحب کی گدی پر قبضہ جمائے چنے چبا رہا ہوتا۔۔باغ میں جوگنگ اور ورزش کرنے والے لوگوں کے آگے پیچھے ننگ دھڑنگ مردے الٹا سیدھا ڈانس کرتے ہوئے نظر آتے۔۔اس کے محلے میں کسی فلم کے اشتہاری پوسٹر جگہ جگہ آویزاں تھے۔جب رامو بڑے چاؤ اور آس بھری نگاہوں سے پوسٹر پر چھپی ہوئی ہیروئن کے خدو خال دیکھتا تو وہ تصویر مردہ عورت کی صورت اختیار کر جاتی، اک دوپہر کو تو زندگی میں پہلی دفعہ ڈاکیا اس کے دروازے پر آیا اور اس کے نام چھٹی دے گیا۔رامو نے تجسس سے کھولتا تو وہ مردوں کی طرف سے لکھی گئی تھی۔اور رامو کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور لوٹ آنے کی درخواست کی گئی تھی۔ اس دن رامو کو پتہ چلا محکمہ ڈاک بھی مردوں کے ساتھ ملا ہوا ہے۔
جمعے کو رامو شیو کرانے گیا تو بوڑھے مردے کو ایک کونے میں دبکے ہوئے، اور اپنے زمانے کا کوئی اخبار پڑھتے ریکھا۔رامو کے آنے پر اس بوڑھے نے سر اٹھانے کی بجائے کن انکھیوں سے رامو کو اندر داخل ہوتے دیکھا اور اس کی آمد کی پرواہ کیے بغیر اخبار پڑھنے میں مگن رہا۔ رامو کو اس کی بے رخی بہت بری لگی۔اس کا دل چاہا۔۔نائی کے استرے سے اس کی پرانی لٹکتی بوٹیوں کا قیمہ بنا دے۔۔
اک رات تو حد ہو گئی۔وہ مردہ عورت رامو کی چادر میں گھس آئی، وہ تو مہربانی کاکا کی مزاحمت کی آواز سن کر وہ وقت پر آن پہنچا ورنہ آج کام ہو چلا تھا۔وہ چھوٹا بچہ جسے رامو نے بڑے عمدہ طریقے سے ڈانٹا تھا، رامو کو راستے میں پتھر مارتا ،اس کے سامنے آ کر اپنا پاجامہ اتار دیتا ، کئی مرتبہ تو رامو کو ملے او تھپڑ بھی پڑے۔ کبھی کبھار نہاتے ہوئے پانی کا نل بند ہو جاتا، جب کہ اس کا سیاہ بدن صابن کی سفید جھاگ میں چھپا ہوتا تھا اور اس پر غضب یہ کہ تولیا بھی غائب ہوتا تھا۔ ہر شخص رامو کو نفسیاتی مریض سمجھنے لگا۔ یہاں تک کے کاکا بھی اس سے کھچا کھچا رہنے لگا۔
کاکا نے اس کو رستے سے اٹھا کر پالا تھا۔دوست یار سب بھوت پریت کا سایہ جان کر اس سے کنارہ کرنے لگے۔ شیخ صاحب نے اس کو نوکری سے نکال دیا۔ یوں وہ نوکری سے بھی گیا اور چھوکری سے بھی۔۔لڑکی والا اک علیحدہ قصہ ہے۔ در اصل شیخ کبھی کہیں کسی کام کی غرض سے جاتا تھا تو اپنی بیٹی کو دوکان کا خیال رکھنے اور تاک جھانک کرتے رہنے کی تاکید کر کے جاتا تھا۔شیخ کا مکان دوکان کے پیچھے ہی تھا۔دوکان اور مکان کے درمیان اک دروازہ تھا۔ شیخ کی لڑکی جب تانک جھانک کے بہانے آتی تھی تو سیدھا آتی تھی اور باقی کا فعل رامو اور اس کا ذاتی معاملہ تھا۔اک دن کیا ہوا کہ بوڑھا مردہ اس لڑکی کا روپ دھار کے آ گیا اور اس وقت رامو کی شکل دیکھنے والی تھی۔بالکل کارٹون جیسی مضحکہ خیز کہ بوڑھا گلا پھاڑ پھاڑ کہ ہنسنے لگا۔ رونے لگا اور رونے ہنسنے کا یہ پراسس کئی دیر تک جاری رہا۔ ہر جگہ رامو کر مردے ملنے لگے۔ یہ شہر اس کو قبرستان لگنے لگا، ہر شخص اس کو مردہ لگنے لگا۔ تنگ آ کر وہ پولیس اسٹیشن گیا تو باہر چپڑاسی کی جگہ ایک سنگل پسلی مردہ مائع لگی وردی میں بیٹھا سگریٹ پینے میں مشغول تھا۔ رامو کو دیکھتے ہی اس کے حضور جھک کر آداب بجا لایا اور آنکھ مارتے ہوئے بولا۔ کیوں جی۔رپٹ درج کرانے آئے ہو۔ مردوں کے خلاف ایف آئی آر لکھوانے کا ارادہ ہے۔ جاؤ شوق سے اندر جاؤ سب اپنی ہی برادری ہے۔ رامو کو اس کی بات میں تب سچائی نظر آئی جب اس نے ہر طرف پولیس والوں کی بجائے جانے پہچانے مردوں کو ادھر ادھر گھومتے دیکھا۔صرف انسپکٹر کی جگہ اصل انسپکٹر بیٹھا تھا۔ رامو کو پہچان کر سب مردے خوشی سے تالیاں بجانے لگے، اچھلنے کودنے لگے، رامو نے انسپکٹر کے تاثرات دیکھنے کی کوشش کی تو اک مردہ مریل سی آواز میں فلمی اسٹائل سے بولا نہ نہیں بالکل نہیں وہ بیچارہ دوربین بھی لے آئے تو ہمیں نہیں دیکھ سکتا۔ اور پھر اس مردے نے کانوں پر ہاتھ رکھ کر رامو کو زبان دکھا دی۔ محرر کی طرف رامو کی نظر گئی تو انکی ہی رہ گئی وہی دیوانی عورت محرر کے سامنے پلو میں سمٹی اپنی بپتا سنا رہی تھی۔ کہہ رہی تھی۔ میرا رامو۔۔ہائے میرا رامو۔۔اسے ڈھونڈ کر لے آؤ۔۔مجھ غریب پر رحم کھاؤ۔۔اس کو منا کر لے آؤ۔۔میں اب اس کو تنگ نہیں کروں گی۔ محرر نے اپنے پیلے پیلے دانت نکالتے ہوئے رامو کی طرف دیکھا اور عورت سے بولا۔۔وہ رہا تیرا رامو۔۔عورت نے رامو کو دیکھا تو خوشی سے اک لمبی چھلانگ ماری۔۔اور اک ہی ڈگ بھر کر رامو کو آ لیا۔رامو اس اچانک افتاد پر بوکھلا کر رہ گیا۔سوچا پولیس کا محکمہ بھی ان مردوں کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ لگتا ہے ان مردوں کے تعلقات بہت اوپر تک ہیں۔ رامو مشکل سے جان چھڑا کر انسپکٹر کی میز پر گیا اور اپنا مد عا بیان کیا۔ پہلے پہل تو انسپکٹر خالی خول نظروں سے اس کو گھورتا رہا۔ چہرے پر سو پچاس کے زاویے بناتا رہا۔ اور پھر بولا۔تو تو نفسیاتی مریض ہے۔ جن چڑھیں ہیں تجھ پر۔۔جن نہیں۔۔جن نہیں۔۔سرکار۔۔مردے۔ مجھے مردے چڑھ گئے ہیں مردہ خانے کے عزت مآب مردے۔۔اک وہ بوڑھا فلرٹی مردہ، وہ بھوکی شیرنی، اور اس گینڈے کو تو میں بھول ہی گیا کمبخت جس کی گردن میں پولیس کی گولی نے سجاوٹ کی ہوئی ہے۔ اور اس کے علاوہ بھی انسپکٹر صاحب کئی قابل ذکر شخصیات۔۔کیسی الٹی سیدھی باتیں کر رہے ہو۔۔میں نے کہا تھا نہ تم نفسیاتی مریض ہو۔۔اب پتلی گلی سے نکلو اور کسی اچھے سے ڈاکٹر سے اپنا علاج کرواؤ۔۔رامو نے بہت منتیں کیں کہ اس کی زندگی موت کا سوال ہے۔۔یہ مردے اسے جینے نہیں دیں گے وغیرہ وغیرہ۔مگر انسپکٹر منہ موڑ کر بیٹھ گیا۔۔رامو۔۔مایوس ہو کر سر جھکائے باہر نکلا۔۔تو وہی چپڑاسی مردہ اس کو دیکھ کر قہقہے لگاتے ہوئے بولا۔۔کیوں کرا دی رپٹ درج۔۔ہی ہی ہی ہی۔۔اس کی مکروہ ہنسی پر رامو کو اتنا طیش آیا کہ اس نے کچھ لمحوں کے لئے خود کو دھوبی تصور کرتے ہوئے چپڑاسی مردے کی ساری ہنسی کالی میل کی طرح نکال پھینکی۔ وہ بیچارہ نچڑے ہوئے کپڑے کی طرح سڑک پر گرا پڑا تھا کہ یکدم اچھل کھڑا ہوا۔۔رامو نے جب دیکھا کہ اس عزت افزائی کا مردے پر کوئی اثر نہیں ہوا تو وہ درد بھرے لہجے میں بولا۔۔تم ہی بتاؤ میں کیا کروں نوکری واپس لینے گیا تو اس انسپکٹر نے نفسیاتی مریض کہہ کر دھتکار دیا۔۔ ہر کوئی مجھے پاگل سمجھنے لگا ہے۔۔ میرا قصور کیا ہے؟ نہ میں نے اس گینڈے کی گردن میں نقش و نگار بنائے ، نہ ہی میری غلطی ہے کہ وہ عورت پیاسی کنواری مری ،،مرنے سے پہلے مجھے ملتی تو سب پیاس بجھا دیتا۔۔میری خطا بس اتنی ہے کہ میں نے تم لوگوں کی دیکھ بھال کی۔۔ اب اپنے سردار سے کہنا۔۔خود ہی اس انسپکٹر کا کچھ علاج کرے۔۔ اگلے روز رامو کو انسپکٹر اپنی جیپ پر خود لینے آیا تو رامو کی حیرت کی انتہا نہ رہی انسپکٹر بولا۔۔سمجھ نہیں آتی اک چپڑاسی کے لئے اتنا بڑا سرکاری افسر خود تھانے چل کر آیا ہے۔
س کی سفارش کی ہے۔ آج سے تم اپنی نوکری پر واپس آ چکے ہو۔ رامو کو پتہ چل گیا کہ یہاں پر بھی جس محکمے کے افسر نے سفارش کی ہوگی ضرور اس کے مردوں سے کچھ نہ کچھ ناجائز تعلقات ہوں گے۔
اگلے دن رامو سینہ تان کر مردہ خانے یعنی اپنی ریاست میں غرور اور تکبر سے داخل ہوا۔ پورا مردہ گھر سجا ہوا تھا۔ ہر طرف چکا چوند روشنی تھی۔ رونق تھی۔ فضا دھیمی سی خوشبو سے معطر تھی۔ تقریب کا سماں تھا۔ رامو کی اس عاشق عورت نے رامو کو بے خبری کے عالم میں جا لیا اور بولی۔اب تم پورے کے پورے میرے ہو۔۔چل چل۔گرمی تو تجھ میں ذرا سی نہیں وہ نفرت سے بولا اسی اثنا میں اس کو اسٹیج پر بلایا گیا۔ سردار مردے نے اس کے صبر کی ہمت افزائی کی۔۔مردہ خانے کا چارج دوبارہ سنبھالنے کے فیصلے کو سراہا اور بولا صبح کا بھولا اگر شام کو گھر واپس لوٹ آئے تو اس کو بھولا نہیں کہتے۔ہمارا بچھڑا ہوا ساتھی آج دوبارہ ہم میں موجود ہے۔۔ کسی کو کوئی شک؟ نہیں۔۔ایک اور صرف ایک زور دار آواز گونجی اور یہ کس کی آواز ہو سکتی تھی۔۔بلاشبہ اسی عورت کی۔
٭٭٭
زندگی
زندگی ہم غریبوں کے لئے۔۔۔کیا ہے زندگی؟... غلامی میں پیدا ہوئے ، غلامی کی،اور غلامی میں چل بسے ، نہ کوئی مقصد نہ کوئی منزل ، باپ دادا کو جہاں کام کرتے دیکھا وہیں پلے بڑھے، انہیں کے احسانوں کے بوجھ تلے جوان ہوئے، ان کی خدمت کی اور انہیں کے دیئے گئے کفن میں منوں مٹی تلے جا سوئے۔ اور پیچھے نام لیوا بھی کوئی نہ رہا۔یاسمین کی عمر ہی کتنی تھی جب اماں ابا نے اپنی جان چھڑانے کے لئے اسے کرم دین کے ساتھ بیاہ دیا تھا کہ جوان لڑکی ہر غریب پر بوجھ ہوتی ہے۔ماں تو یہی کہنے لگی تھی کہ شوہر اپنے آپ سنبھال کر رکھے گا، آخر کرم دین کرتا ہی کیا تھا، بیگم صاحبہ کے بنگلے میں ایک معمولی سا باغبان ہی تو تھا اور اوپر سے عمر، ایک اٹھارہ سالہ لڑکی کیونکر کسی پینتیس سالہ مرد کے ساتھ خوشی سے بابل گھر جائے گی لیکن ماں باپ کی بات بے بات جھڑکیوں سے دور اسے کرم دین کا گھر بہتر محسوس ہوا کہ کم از کم اپنا چاہنے والا تو ہوگا، مرغیوں کے دڑبے جتنی ہی سہی اپنی چارد دیواری تو میسر ہوگی جہاں وہ من مرضی سے سانس لے سکے گی اور کرم دین کی بانہوں میں چھپ چھپا کر سو جایا کرے گی،غرض کہ رخصتی ہوئی تو ثروت بیگم کے بنگلے کا ایک چھوٹا سا سرونٹ کوارٹر اس کا سسرال ٹھرا۔ سفید رنگ کے کوارٹر کا حدود اربعہ اگر کھلے ہاتھوں بیان کیا جائے تو دو کمروں ،ایک چھوٹے سے برآمدے چھوٹے سے صحن اور ایک غسل خانے پر مشتمل تھا۔برآمدے کے ایک کونے میں گیس والا چولہا ،پیتل کے گنے چنے برتن اور چھری کانٹے سجا کر اس حصے کو باورچی خانے کا روپ دے دیا گیا تھا۔ایک بلند و بالا محل کے سائے میں بسنے والے مختصر سے تین رکنی کنبے کی یہی کل کائنات تھی۔
یہ بیگم صاحبہ کا حکم نامہ یا استدعا جو بھی تھا مگر یاسمین پر قہر بن کر ٹوٹا کہ اس کی پھول ایسی بچی بھی اب اپنے نرم و نازک ہاتھوں سے ان چمکتے دمکتے بھاری صوفوں اور درجنوں برتنوں کی صفائی کیا کرے گی۔اس کا بس چلتا تو وہ پر لگا کر اڑتی اور کرن کو اپنی کمر پر سوار کر کے یہاں سے بہت دور کہیں کوہ قاف میں چھوڑ آتی تاکہ ماں باپ کی طرح اس کی زندگی بھی پائی پائی کا محتاج نہ بن پائے۔ وہ معصوم جو ہر رات کو قبر کی لمبائی جتنے صحن میں لیٹے لیتے چمکتے دمکتے تاروں کو دیکھا کرتی تھی، تاروں کی قطاروں کو ملا کر گڈے گڑیوں ، کاروں ، بندروں اور پھولوں کی شکلیں بنایا کرتی تھی،وہ کیا جانتی تھی ایک حد تک اسے اپنے ہاتھ سے کھانا کھلا کر ، تھپکی دے کر اور لوری دے کر سلائے گی۔ اس کے بعد چاندنی رات کے عکس پر ظلمت کے سائے قبضہ جما لیں گے پھر اسے ایک ایک نوالے کے لئے تک و دو کر کے نہ صرف خود کو زندہ رکھنا ہوگا بلکہ وقتاً فوقتاً زمانے کے طنز و مذاق پر بھی ہنسنا مسکرانا ہوگا۔۔۔وہ مذاق۔۔ جو خود وقت اور زمانہ اس کے ساتھ کرے گا۔
اگلے جمعے کو کرن نہا دھو کر بن سنور کر بنگلے میں آئی۔ وہ ہمیشہ بنگلے کے اندر جانے سے ڈرتی تھی، اسے تو بنگلے میں رہنے والے کل افراد کی تعداد بھی معلوم نہ تھی۔ اس دن اس نے بنگلے کی ہر چیز کو غور سے دیکھا۔ ا۔۔دیکھا اور سوچا۔۔اور پھر سوچنا چھوڑ دیا کیونکہ جس چیز تک انسان کی پہنچ نہیں وہاں تک سوچوں کے زاویے کیسے کھینچے جا سکتے ہیں وہ بھی اس صورت میں جب انسان زندگی بنانے کے ابتدائی مراحل میں ہو۔ وقت کچھوے ،خرگوش کی دوڑ کے موافق گزرتا رہا، صفائی ستھرائی کا بیشتر کام اب ماں کی جگہ کرن کو دیا جاتا کیونکہ اس کے جوان ہاتھوں سے محنت و مشقت کا رنگ بخوبی جھلکتا تھا۔
کہتے ہیں کہ ہر آنے والا دن مسرت کا پیامبر ہوتا ہے مگر ایسے ہی ایک نئے دن جب سورج مشرق سے سرا بھار کر چار سو روشنی بکھیری، وہاں یاسمین اور کرن کی صبح اندھیری ہو چکی تھی۔ دوسروں کے گلستان کی آبیاری کرنے والا اپنے چمن کو تشنہ لب چھوڑ گیا تھا۔کرم دین ان دونوں کو زمانے کے رحم و کرم پر چھوڑ کر اگلے جہاں کے سفر پر روانہ ہو چکا تھا۔ ان دونوں کی ننھی منی دنیا پر غم و اندوہ کے بادل چھا گئے۔ مالکوں کی طرف سے برتاؤ میں کسی حد تک نرمی واقع ہوئی۔ اس قدر کمی کہ ثروت بیگم کا لاڈلا بیٹا عبید جب شفیق نظروں سے کرن کو دیکھتا تو وہ معصوم اندر کر دہل کر رہ جاتی،رواں رواں موسیقی کے آلوں پر کھنچی تاروں کی طرح کانپنے لگتا۔ اس نے جوانی کی دہلیز پر قدم تو رکھا تھا مگر وہ اس بات سے بے خبر تھی کہ وہ عمر کے ایسے حصے میں داخل ہو چکی ہے جہاں گھر کی تمام کھڑکیاں دروازے اور چھتیں کمینوں کی حفاظت نہیں کر پاتیں۔کرن کا سولہواں جنم دن جس کی تاریخ اس نے کسی کاپی کتاب میں لکھ رکھی تھی اس مرتبہ چپ چاپ کوارٹر کے خاموش دروازے کو چھو کر گزر گیا۔
گرمیوں کی چھٹیوں میں عبید کے ماموں اپنے بال بچوں سمیت ان کے یہاں سیر کرنے آئے تو عبید کو اپنا ہم عمر اور ہم خیال ماموں زاد عادل میسر آ گیا۔ دونوں نے مل کر کراچی کے ہر تفریحی مقام کی سیر کی، کلفٹن، منوڑہ، ہاکس بے گھومے، شوقین مزاج تو سدا سے تھے ،سینماؤں میں فلم دیکھنا، ساحل پر تتلیوں کر چھیڑنا،حسن کی خرید و فروخت کرنا ان کے محبوب مشاغل میں شامل تھا۔ ان چھٹیوں میں دونوں نے مل کر ہر تفریح کا خوب لطف اٹھایا۔چند دنوں تک عبید کا رزلٹ آیا تو وہ آگے پڑھنے سے انکاری ہو گیا اور کاروبار میں دلچسپی لینے کی خواہش ظاہر کی۔ چار و نا چار والدین کو اکلوتے بیٹے کی ضد کے سامنے ہتھیار ڈالنے پرے اور وہ باپ کے ساتھ دفتر جانے لگا۔ پیسہ ہاتھ میں آیا تو عیاشیوں میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔انہیں دنوں وہ کسی کاروباری سلسلے میں لاہور گیا تو عادل نے اس کی خوب خاطر تواضع کی، لاہور کا چپہ چپہ گھمایا، اسے بھر پور رفاقت مہیا کی، جس میں بد نام بازاروں زیارت سر فہرست تھی۔ عبید خوشگوار یادیں لے کر کراچی لوٹ آیا، بلاشبہ اسے لاہور بہت پسند آیا۔
یک روز موسم بے حد خوشگوار تھا۔ بدلیوں نے سورج کو اپنے تن کی اوٹ میں ڈھانپا ہوا تھا،کرنیں بادلوں کے پیچھے سے چھپ چھپ کر جھانکتی تھیں۔ عبید دفتر میں بیٹھا کھڑکی سے موسم کی رنگینیوں سے لطف اندوز ہو رہا تھا کہ گھر سے فون آ گیا ،امی ابو کسی تقریب کے سلسلے میں باہر جا رہے تھے اور اسے گھر جلدی آنے کی تاکید کر رہے تھے۔ وہ کسی خیال سے اٹھا اور گاڑی نکال کر گھر کے راستے پر ہو لیا۔سارے راستے اس کا ذہن ان گنت خیالوں کو جنم دیتا رہا ،گھر پہنچتے ہی سیدھا اپنے کمرے کی طرف بڑھا اور کرن کو پانی لانے کا حکم دیا۔ چونکہ یاسمین کی طبیعت خراب تھی اس لئے کرن نے اصرار کر کے ماں کو آرام کرنے کے لئے واپس بھیج دیا تھا۔ تمام بنگلے میں اکیلی کرن کام میں مصروف تھی۔ سہانے موسم نے کرن پر بھی شوخی بکھیری ہوئی تھی ،موسم چنچل پن پر اتر آئے تو جوانی جوبن پر آنے میں دیر نہیں لگاتی، اس لئے کرن پانی دینے کے لئے بے خیالی میں دستک دیئے بغیر عبید کے کمرے میں داخل ہو گئی۔غلطی کا احساس ہوتے ہی پلٹنے لگی تو عبید نے منع کر دیا۔
کرن پانی کا گلاس پکڑانے کے لئے آگے بڑھی تو عبید نے اس کی نازک کلائی کو پکڑ کر زور سے اپنی طرف کھینچا۔شیشے کا گلاس دیوار سے ٹکرا کر چھنا کے سے ٹوٹ گیا۔کرن کا دل ہچکولے کھانے لگا۔ وہ اس کی گرفت میں ماہی بے آب کی طرح تڑپنے لگی، سرونٹ کوارٹر دور تھا،چیخوں التجاؤں اور مدد کی آواز بنگلے کے بند کمرے کی موٹی موٹی دیواروں سے ٹکرا کر گونج کر رہ جاتی تھی، زمانہ آنکھیں میچ کر اپنے کام میں مگن تھا، آسمان چپکے چپکے تک رہا تھا،سورج بے قراری سے ادھر ادھر پہلے بدل رہا تھا اور بے حد بے کس نظر آتا تھا،جوانی کی نو آموز کلی مسلی جا چکی تھی۔عبید ذرا سی دیر بعد اسے دھکا دے کر اٹھ کھڑا ہوا اور مفتوح شہسوار کی مانند اپنے ہونٹوں پر دشمن کے لگائے گئے چرکوں سے بہنے والا خون صاف کرنے لگا۔کرن اضافی بوجھ کی مانند کمرے میں پڑی رہی، آنسو بے کار فرش پر بہنے لگے اور تمام آہ و فغاں جاتی رہی۔ پھر وہ بیچاری لرزتے بدن کے ساتھ سہمی سہمی اٹھی ، انجان اور خالی نگاہوں سے عبید کی طرف دیکھا اور گرتی پڑتی کوارٹر میں لیٹی ماں کے پاؤں میں جا گری۔۔۔اتنا روئی کہ زمانہ کربلا کے دن بھی اس قدر نہ رویا ہوگا۔۔۔دریا موجوں سے بھر گئے۔۔کھیت کھلیان سیراب ہوئے اور ادھر اس ندی کا کنارہ ہی اس سے چھین لیا گیا۔ندی کا پانی دوسرے کھیت کھلیانوں کو میں پھیل کر ان کی پیاس بجھا گیا۔ ماں نے گزرے ہوئے لمحے کی داستان سنی تو ہلکان ہو گئی اور بین کرنے لگی۔۔اے خدا آج آبرو محفوظ کیوں نہیں۔۔کہاں گئے وہ عرب کے صحرا و بیابان جہاں عورت آنکھ بند کر کے ہزاروں میل بے دھڑک چلی جائے تو بھی کوئی میلی نظر اس کی طرف نہیں اٹھتی۔۔آہ ہمارے محافظ کے ہاتھوں ہماری املاک لٹ گئی۔
رات تک کا وقت کیسے گزرا یہ وہ دونوں ہی جانیں ، ثروت بیگم نے گاڑی سے نیچے قدم رکھا ہی تھا کہ یاسمین ان کے قدموں میں گر گئی وہ پریشان ہو کر پیچھے ہٹیں اور پوچھنے لگیں آخر ماجرا کیا ہے؟
ادھر سے سسکیوں نے الفاظ کا روپ دھارا،۔۔بیگم صاحبہ آبرو ہر انسان کی ذاتی میراث ہے، کسی انسان کو دوسرے انسان کی عزت سے کھیلنے کا حق نہیں آپ ہمارے مالک خدا۔۔خدا آپ کی صورت میں ہمیں رزق دیتا ہے۔۔کیا آپ کا فرض نہیں بنتا کہ ہماری عصمت کی حفاظت کریں اس صورت میں کہ آپ ہی ہمیں سر چھپانے کے لئے چار دیواری اور چھت مہیا کی۔
ہاں وہ پریشان ہو گئیں پھر پوچھنے لگیں۔۔آخر بات بھی تو پتہ چلے؟
یہ عبید، آپ کی اپنی اولا د، ہماری عزت و جان کی حفاظت کرنے والے نے ہم پر حملہ کیا، میں خدا سے فریاد کروں یا اپنا گریبان چاک کر کے لہو لہان چھاتی کا تماشہ اس دنیا کو دکھاؤں۔؟۔۔ہم نے آپ کی خدمت کی۔۔آپ کا نمک کھایا مگر آج نمک کھلانے والے نے ہی نمک حرامی کا ثبوت دیا اور اس کے ساتھ ہی یاسمین نے بے جان کرن کو کندھوں سے پکڑ کر بیگم صاحبہ کے سامنے کر دیا۔ثروت بیگم پھٹی پھٹی نگاہوں سے کرن کے ٹوٹے پھوٹے وجود کو دیکھتی رہ گئیں۔ عبید سے معاملے کی سچائی کے برے میں پوچھا تو اس نے خاموشی سے سر جھکا لیا۔۔وہ سر پیٹ کر رہ گئیں۔۔۔ایک طرف اولاد اور دوسری جانب نمک حلال خدمتگار۔۔مجرم اپنا مدعی پرایا۔۔۔فیصلہ کیا ہو؟ آخر کار بول پڑیں۔۔۔تمہاری شادی اسی مہینے کرن سے ہوگی اور یہ میرا آخری فیصلہ ہے۔عبید سیماب کی طرح تڑپا اور چلایا۔۔۔کیا میں اس دو ٹکے کی نوکرانی سے شادی کروں گا؟ اس کے جواب میں ثروت بیگم دو قدم آگے بڑھیں ایک زور دار تھپڑ اس کے گال پر رسید کیا اور تحکمانہ لہجے میں بولیں۔ جوانی کا کھیل کھیلتے ہوئے یہ احساس کس جگہ چھپ کر بیٹھ گیا تھا کہ یہ بے ذات پات کے لوگ ہیں۔ اس وقت کیوں عقل گم ہو گئی تھی۔ فیصلہ یہی ہے تمہاری شادی اسی ماہ کرن کے ساتھ ہوگی اور اس کے ساتھ وہ اپنے بیٹے کی طرف تھوکتی ہوئی کرن کی طرف بڑھیں۔۔اس کی پیشانی کو دونوں ہاتھوں میں لے کر ایک بھر پور بوسہ دیا۔۔اسے دیوانہ وار چوما۔۔پھر یاسمین کی طرف رخ کیا۔۔آنکھ سے آنسو صاف کئے اور ہاتھ جوڑ کر کھڑی ہو گئیں۔اور اس کے بعد زار و قطار روتی ہوئیں بنگلے میں داخل ہو گئیں۔آخر وہ بھی دو بیٹیوں کی ماں ایک عورت اور ایک انسان تھیں۔
اس واقعے کے بعد عبید بے حد مایوس ہو چکا تھا۔ماں باپ کی حکم عدولی کے نتیجے میں اسے در در کی ٹھوکروں کے سوا کچھ نصیب نہ ہوتا تھا یہاں تک کہ کرن سے شادی کر لے اور عیش و عشرت کی زندگی کو جاری رکھے۔ اسے ایک دن عادل کا خیال آیا تو اسے منت سماجت کے بعد کراچی بلوا لیا دونوں مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کرنے لگے۔ انہوں نے کرن کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا مگر اس کے نتیجے میں شک سرا سران پر جاتا تھا۔ اس دوران عبید نے عادل کو بے تحاشا لالچ دیئے کہ وہ کچھ دن پاکستان میں گزار کر کسی دوسرے ملک چلے جائیں گے۔ عادل بھی یہ سوچ کر کہ زندگی مزے سے گزارنے کا موقع مل جائے گا اس کی اس آفر پر آمادہ ہو گیا اور وہ دونوں گھر اور بینک سے تمام نقدی اور زیور نکال کر چند دنوں کے لئے سندھ کے وسطی علاقوں میں روپوش ہو گئے۔ ان علاقوں کے بارے میں انہوں نے سن رکھا تھا کہ مجرموں کو پولیس سے چھپا کر پناہ دی جاتی ہے۔
دن، ہفتے اور پھر پورا مہینہ گزر گیا ،پولیس ان دونوں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی،والدین غم سے نڈھال ہو گئے، کرن کی دنیا بستے بستے اجڑ گئی، مگر خدا کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے،اگر وہ مظلوم کی آہ سن کر بھی پوری نہ کرے تو کم از کم ظالم کو ضرور سزا کے کنویں میں دھکیل دیتا ہے۔ قبائلی علاقوں میں جہاں وڈیروں اور جاگیرداروں کی حکمرانی ہوتی ہے اور قانون چپ کا کمبل اوڑھ کر لاغر مریض کی طرح سویا رہتا ہے۔ایسے ہی ایک علاقے میں وہ دونوں عادت سے مجبور ہو کر کسی وڈیرے کی نوکرانی کے ساتھ رنگ رلیاں مناتے ہوئے پکڑے گئے۔
وڈیرے کے کارندوں نے ان کو مالک کے حضور پیش کر دیا۔سزا کے طور پر ان کا تمام نقدی زیور چھین لیا گیا اور انہیں زبردستی ذاتی جیل دھکیل دیا گیا جہاں وہ چوبیس گھنٹے نگرانی میں رہتے تھے۔اس کے بعد دوسرے قیدیوں کی طرح ان کو بھی کھیت میں بیلوں کی جگہ ہل چلانے کے لئے جوت دیا گیا ،اب وہ ہر دم ایک دوسرے کو کوستے رہتے تھے ،عادل خواہ مخواہ عیاشی سے بھر پور زندگی چھوڑ کر عبید کے ساتھ آ پھنسا تھا اور عبید کو ہر وقت جلی کڑھی سناتا رہتا تھا۔ دونوں کی نازک کمر پر ہل کے گہرے نشان ثبت ہو چکے تھے۔ آنکھوں سے زندگی کی رمق دمق ختم ہوتی جا رہی تھی۔ اس پر مزید ستم یہ ہوا کہ دونوں کو الگ الگ جگہوں پر بھیج دیا گیا۔
عبید کی ایک ملازمہ سے زبردستی شادی کروا دی گئی۔منگنی ،مہندی کی رسموں اور برقی قمقموں سے پاک وڈیروں نے مولوی بلا کر تو میری میں تیرا کہلوا کر دونوں کو چھٹی دے دی۔ چند دنوں کے بعد عذاب و مشقت کا پرانا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا۔جس ملازمہ سے عبید کی شادی کروائی گئی تھی۔ اس کا نام کلثوم تھا۔ سال دو سال میں ان کے یہاں ایک بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام انہوں نے زریں رکھا ، کلثوم وڈیرے کی حویلی میں صفائی کے کام پر مامور تھی۔ اکثر اوقات وڈیرے کے کارندوں کی زور زبردستی پر ڈیرے کا چکر بھی لگاتی رہتی تھی۔ عبید اب گھر سے بھاگنے والے اپنے احمقانہ فیصلے پر پچھتا رہا تھا۔ یہ زندگی اس کے لئے عذاب بن چکی تھی، گذشتہ زندگی اس نے اپنے ہاتھوں برباد کی تھی۔ زریں کے بعد اولاد پیدا کرنے کی خواہش عبید کے دل میں دم توڑ چکی تھی زمانہ اپنی رفتار چلتا رہا اور زرین زندگی کی سترہ بہاریں دیکھ کر اب اٹھارہویں سال میں داخل ہو چکی تھی۔
باپ کے کپکپاتے ہاتھوں میں پانی کا گلاس پکڑاتے ہوئے اسے گلاس گر جانے کا خدشہ ہوتا تھا۔ عبید کا یہ حال اس کی عمر کی بجائے فطرت کے بر عکس مشقت بھرے کام کرنے سے ہوا تھا ، احساس جرم نے اسے وقت سے پہلے مار دیا تھا، بدن کی آرام طلب مشینری زبردستی چل چل کر اب جواب دے چکی تھی۔ زرین اپنی ماں کے ساتھ وڈیرے کے ہاں کام پر جایا کرتی تھی۔ ایک دن شام کو گھر لوٹی تو باپ کو نلکے کے نزدیک خون کی قے کرتے ہوئے پایا، گردن لقوے کے باعث ایک طرف کر مڑ چکی تھی، بخار اور کھانسی نے حالت مزید بگاڑ کر رکھ دی تھی، دعا نہ دوا تھی۔ عبید بیٹی کا سہارا لئے چارپائی پر آ بیٹھا۔ زریں نے پانی کا گلاس باپ کے ہونٹوں سے لگایا ، ابھی دو گھونٹ ہی بھرے ہونگے کہ کھانسی کا شدید دورہ پڑا، پانی سانس کی نالی میں اتر گیا۔ سانس رک رک کر آنے لگی۔ آنکھیں تکلیف کی شدت سے باہر کو ابل آئیں ، ہاتھ بے اختیار دل کی جانب اٹھا مگر دل تک پہنچنے سے پہلے ہی ہوا میں جھول کر رہ گیا۔یہ واقعہ زریں اور کلثوم کے لئے عذاب سے کم نہیں تھا۔وڈیرے کی طرف سے کفن دفن کا انتظام ہوا، دوسروں کی خوشیوں کو لوٹنے والا خالی ہاتھ غموں کے بوجھ تلے سسک سسک کر دم توڑ گیا۔نازے کو عزیزوں کا کندھا تک نصیب نہ ہوا ، بد نصیب کے لاشے پر کوئی ماں دھاڑیں مار مار کر نہ رو سکی، دعائے مغفرت اور آہ و بکا کے لئے دو سے زائد ہتھیلیاں بھی میسر نہ آئیں۔
تپتی دوپہر تھی۔ زریں حویلی کے تندور جیسے دہکتے صحن میں جھاڑو لگا رہی تھی کہ مالکن نے بلا بھیجا اور اٹھتے ہوئے بے اختیار اس کی زباں پر یہ لفظ رقص کرنے لگے۔۔زندگی ہم غریبوں کے لئے۔۔۔کیا ہے زندگی؟ غلامی میں پیدا ہوئے ، غلامی کی، اور غلامی میں چل بسے، نہ کوئی مقصد نہ کوئی منزل، باپ دادا کو جہاں کام کرتے دیکھا ،وہیں پلے بڑھے، انہیں کے احسانوں کے بوجھ تلے جوان ہوئے ان کی خدمت کی، اور انہیں کے دیئے گئے کفن میں منوں مٹی تلے جا سوئے اور پیچھے نام لیوا بھی کوئی نہ رہا۔
٭٭٭
ماخذ:
http://www.urdunagri.com/controller.php?action=Auther_List&nId=73
http://ssukhan.blogspot.com/2006/02/blog-post_12.html
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
قندیل
اور دوسرے افسانے
وقار مسعود
جمع و ترتیب: اعجاز عبید
قندیل
ہینڈز اَپ ! خبردار اگر کوئی حرکت کی تو....بولو جان پیاری ہے تمہیں ؟
ہاں !ہے پیاری....
تو پھر ہینڈز ڈاؤن ....آنکھیں بند کر کے ہاتھ پیچھے باندھ لو اس کے علاوہ بدن میں جنبش نہیں ہونی چاہیے۔
اس نے خاموشی سے ہاتھ پیچھے باندھ لئے....
شاباش اب سچ سچ بتاؤ....مجھ سے کتنا پیار کرتے ہو....جھوٹ بولنے کی کوشش مت کرنا ورنہ ....فقرہ ادھورا چھوڑ دیا گیا....
زیّاد نے دونوں بازو کھول کر دائیں بائیں پھیلا دیئے اور منہ پھاڑ کر بولا....اتنا....اتنا پیار کرتا ہوں۔
ہاتھ پیچھے ہی باندھے رکھو جاہل.... کیا مرنے کا ارادہ ہے؟
ہاں ....تمہارے ہاتھوں ہی مرنے کا ارادہ ہے....میٹھے میٹھے ہاتھوں سے میٹھی میٹھی موت....
شٹ اَپ....وہ چلائی....فری ہو جاؤ....اور منہ بسور کر بیڈ پر جا کے بیٹھ گئی۔
جب
سے زیّاد کے رشتے کی بات چل رہی تھی تب سے قندیل کے سپنوں کی مشعل دن بہ
دن دھیمی پڑتی جا رہی تھی۔قدموں میں سُست روی اور خیالوں میں نا شائستگی
پیدا ہو رہی تھی۔وہ اکیلی کر بھی کیا سکتی تھی،صرف وہ دونوں ہی جانتے تھے
کہ دنیا کی آنکھ کے پسِ پردہ اندر ہی اندر ان کے دلوں میں محبت کے چراغ
روشن ہیں ، عشق کی تانیں رقص کرتی ہیں۔نہ چاہتے ہوئے بھی اسے زیّاد کی
شادی کے بارے میں کھسر پھسر میں شریک ہونا پڑتا، ماموں ممانی کو نت نئے
مشورے دینے پڑتے،قندیل کو بچپن سے ہی سینے میں درد کی شکایت رہتی تھی۔ اب
پتھروں جیسے بھاری بھاری دکھ اس کے دل پر باری باری برس رہے تھے اور وہ
زیّاد کیسا لڑکا تھا کہ زبان پر خاموشی کا قفل باندھے لا پرواہ بندر کی
اچھلتا پھرتا تھا۔کہتا تھا....
میری مرضی کے بغیر کون کرا سکتا ہے میری شادی....اوں ہوں ....ناممکن....تم دیکھنا کہ میری بارات تمہارے ہی در پر آئے گی۔تمہیں دلہنیا بنا کر ، ڈولی میں بٹھا کر، سجا کر اپنے گھر لے آؤں گا۔مگر افسوس کہ تم ڈولی میں نہیں بیٹھ سکتیں ....
یہ سنتے ہی قندو روشن دان کی طرح غصے سے آنکھیں کھول کر پوچھتی....کیوں ؟....اور وہ دانش مندی سے سمجھانے بیٹھ جاتا....دیکھو بھئی ....ایک ہی گھر کی اوپر والی منزل سے نیچے قدم رنجہ فرمانے کے لئے ڈولی تو نہیں منگوائی جا سکتی لیکن میں زینوں پہ ہتھیلیاں اور پلکیں بچھا دوں گا۔قالین کو گلاب پتیوں سے سجا دوں گا۔اور قندو بڑی مشکل سے اپنے منہ زور دل کو سمجھا پاتی کہ بندیا اسی کے ماتھے پر سجے گی۔
زیّاد کی غیر موجودگی میں جب رشتے کروانے والی ماسیاں بڑے زور و شور سے ممانی کو کسی لڑکی کے اوصاف گنوا کر انہیں قائل کرنے کی کوشش کرتی تو قندو بڑی معصومیت سے اس لڑکی کی صورت سیرت میں خامی نکال کر اسے قطار سے باہر کروا دیتی۔ممانی کے رشتہ داروں میں بھی دور پار تک کوئی جوان جہان لڑکی نہ تھی کہ اسی کو زیّاد سے بیاہ دیتے اور قندو پر ان کی نظر ہی کیوں پڑتی۔وہ تو شروع سے زیاد کے ساتھ کھیلتی کودتی جوان ہوئی تھی۔مگر بے حس ماموں ممانی کو یہ کون سمجھا پاتا کہ بچپن سے اکٹھے پروان چڑھنے والے ایک دوسرے کے لیے اپنے مزاج بدل دیتے ہیں اور ایسا ہی تو ان دونوں کے درمیان ہوا تھا۔
پچھلے پانچ سات بر س کے کسی سرمئی موسم میں ایک دن جھجکتے ہوئے زیّاد نے اس سے کہا....قندو میں تمہارے بنا جی نہیں سکتا....اور وہ کھلکھلا کر ہنس پڑی تھی....اپنے جذبات کا ایسا بھونڈا مذاق بنتا دیکھ کر پہلے تو اُس کی رگِ مردانگی پھڑکی لیکن وہ شرافت سے سوالی بنا بیٹھا رہا۔پھر بولا....
قندو مجھے تم سے....لیکن گردن جھکا کر خاموش ہو گیا۔
ہاں بولو....بولو شاباش ....تم بول سکتے ہو....تم میں ہمت ہے....قندو نے اسے دلاسہ دیا....وہ ٹانگیں پلنگ سے نیچے لٹکائے بیٹھی تھی۔
زیّاد فرش پر آلتی پالتی مار کے بیٹھ گیا۔ہتھیلیاں قندو کے گھٹنوں پر رکھ کر وہاں اپنا چہرہ رکھ دیا اور گلا کھنکھار کر بولا....تم کتنی اچھی ہو نا....
وہ تو میں ہوں ....قندیل نے فضا میں ہاتھ لہرائے....
مجھے تم سے پیار ہے....پیار کرتا ہوں میں تم سے....وہ رکے بغیر بولتا چلا گیا....جیسے مال گاڑی کے ڈبے پٹڑی پر کھیلتے بچوں کی ٹمٹماتی آنکھوں کے سامنے سے ایک ایک کر کے گزرتے چلے جاتے ہیں ،اسی طرح وہ بھی کہتا چلا گیا۔
قندو نے سکون سے اس کے چہرے کو ہٹایا اور بیڈ پر لیٹ گئی۔زیّاد نے نیچے بیٹھے بیٹھے گدے پر ہی چہرہ ٹکا دیا اور کہنے لگا۔کچھ کہو نا تم بھی....
وہ آہستگی سے بولی....ہم بچپن سے پیار ہی تو کرتے آئے ہیں۔ہمارے کھیل کود، لڑائی جھگڑے،ضد اور من مانی میں محبت کا عنصر ہی تو شامل ہے۔کیا وجہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کے اتنے قریب ہیں۔دور بھی تو ہو سکتے تھے۔لازمی تو نہیں کہ ایک ہی ماحول میں دو خون اگر اکٹھے رہیں تو ان میں مماثلت پیدا ہو جائے....یگانگت پید ا ہو جائے۔مگر ایسا ہی ہوا....کیونکر ہوا....زیّاد اس کی وجہ پیار ہی تو ہے۔تم نے مجھے محبت کی مورت بنا دیا ہے۔اپنی ذات کے ذرے ذرے کو میرے جسم میں بسا دیا ہے۔مَیں مَیں نہیں تم ہوں ....تم ہو زیّاد تم ہو۔مجھ میں تم زندہ ہو۔میرا جسم میرا اور نام میرا ہے۔باقی سب کا سب تم ہو اور آئندہ یہ بات میں تمہیں کبھی نہیں سمجھاؤں گی۔وہ کروٹ بدل کر سسکیاں لینے لگی۔
اس روز کے بعد انہوں نے ایک دوسرے کو یقین دلانے کے لئے قسمیں نہیں اٹھائیں۔کوئی مصدقہ دلائل پیش نہیں کیے۔آنکھوں ہی آنکھوں میں مستقبل کے عہد و پیمان باندھ رکھے۔
ایک دن بابا نے زیّاد کو بلوایا اور بولے....بیٹا تم تو جانتے ہو کہ آج کل تمہاری شادی کی بات چل رہی ہے تو تم اپنے آپ کو ذہنی طور پر تیار کر لو....
یہ سب اچانک....وہ چونک پڑا....لیکن لڑکی کون ہے؟
تم بے فکر رہو....کسی بہت ہی اچھے گھرانے کی سلیقہ مند لڑکی ہو گی۔۔۔۔۔۔۔ اقتباس
٭٭٭٭٭٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)