متفرقات و علوم

کتنی اداس شام ہے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (8,261 الفاظ)

کتنی اداس شام ہے

سعد اللہ شاہ

ایک احساس مرے دامنِ ادراک میں ہے
وہی سینے میں ہے پنہاں کہ جو افلاک میں ہے
ایک خوشبو سے معطر ہے مشامِ جاں بھی
ایک ٹھنڈک سی مرے دیدۂ نمناک میں ہے
محوِ پرواز ہوں میں سوئے فلک صدیوں سے
آسمانوں میں کشش ہے کہ مری خاک میں ہے
ڈرتا رہتا ہوں ہویدا ہی نہ ہو جائے کہیں
ایک بے تاب سا شعلہ خس و خاشاک میں ہے
دیدۂ خوش پہ اٹھائے ہوئے کچھ شبنمی خواب
بادِ خوشبوئے گلِ خاص مری تاک میں ہے
حسرت و یاس ہر اک گام گلو گیر سہی
مگر اک لطفِ اَنا فطرتِ چالاک میں ہے
ہے کہیں ناخنِ تدبیر پہ بھی ایک خلش
ایک الجھی سی گرہ رشتۂ پیچاک میں ہے
دیکھ اے سعدؔ کہیں راز نہ ہو جائے عیاں
ان دنوں تیرا جنوں عرصۂ بے باک میں ہے

خود اپنی حد سے نکل کر حدود ڈھونڈتی ہے
کہ خاک بارِ دِگر بھی قیود ڈھونڈتی ہے
ہوائے تُند بڑھاتی ہے خود چراغ کی لو
کہ روشنی میں یہ اپنا وجود ڈھونڈتی ہے
ابھی ستارہ سا چمکا تھا میری پلکوں پر
کوئی تو شے ہے جو بود و نبود ڈھونڈتی ہے
بہار ہو کہ خزاں، کچھ نہیں ہے میرے بغیر
یہ کائنات بھی شاید شہود ڈھونڈتی ہے
یہ میرے شعر نہیں ہیں ترا سراپا ہے
کہ خوبصورتی اپنی نمود ڈھونڈتی ہے
یہی تو ہے المیّہ کہ رات دن دنیا
زیاں بدست ہر اک شے میں سود ڈھونڈتی ہے
بکھیر دے جو مری خاک کو ہر اک جانب
ہوائے روح اک ایسا سرود ڈھونڈتی ہے
خودی کو سعدؔ کسی مرتبے پہ لا کہ جہاں
ادائے ناز قیام و قعود ڈھونڈتی ہے

کب کہا ہے کہ مجھے فخر ہے اس جینے پر
روز اک داغ چمکتا ہے مرے سینے پر
مجھ سے اشکوں کی نہیں بات کرو دریا کی
میں تو اک دشت ہوں، آ جاؤں اگر پینے پر
بامِ شہرت پہ مجھے دیکھ کے حیران نہ ہو
پاؤں رکھا ہی نہیں میں نے ابھی زینے پر
آسماں کا ہی رہا میں، نہ زمیں کا ہی رہا
ذوقِ پرواز نے اس طرح مرے چھینے پر
وہ مرا نام جو لیتا ہے تو یوں لگتا ہے
جیسے گل کاڑھ رہا ہو کوئی پشمینے پر
جو بھی دل میں ہے کسی کے وہ رہے ویسے ہی
میں نہ بنیاد اٹھاؤں گا کبھی کینے پر
وہ مرے سامنے ہے اور ہے روشن سب کچھ
نظر اس کی بھی ٹھہرتی نہیں آئینے پر
سعدؔ یہ کارِ سخن، کس کو بتاؤں کیا ہے
ایک مزدور کی صورت ہوں میں روزینے پر

حسرتِ وصل ملی لمحۂ بیکار کے ساتھ
بخت سویا ہے مرا دیدۂ بیدار کے ساتھ
اے مرے دوست! ذرا دیکھ، میں ہارا تو نہیں
میرا سر بھی تو پڑا ہے مری دستار کے ساتھ
وقت خود ہی یہ بتائے گا کہ میں زندہ ہوں
کب وہ مرتا ہے جو زندہ رہے کردار کے ساتھ
ایک احساس پسِ حرفِ تسلی اس کا
کاش وہ گھاؤ لگاتا مجھے تلوار کے ساتھ
نہ کوئی خندہ بلب ہے نہ کوئی گریہ کناں
تیرا دیوانہ پڑا ہے تری دیوار کے ساتھ
ایک آشوب نگر ہوں میں درونِ خانہ
ایک ماتم بھی ہے شامل مرے اشعار کے ساتھ
کیوں وہ انگشت بدنداں ہے مری حیرت پر
میں تو آئینہ ہوا نرگسِ بیمار کے ساتھ
بر لبِ ناز، گلِ حرفِ دعا میرے لیے
اے فلک دیکھ مجھے چشمِ گہر بار کے ساتھ
سعدؔ یہ عشق معمہ ہے مری ہستی کا
کوئی ظاہر ہوا مجھ پر مگر اسرار کے ساتھ

کیا سروکار ہمیں رونقِ بازار کے ساتھ
ہم الگ بیٹھے ہیں دستِ ہنر آثار کے ساتھ
چشمِ نمناک لیے، سینۂ صد چاک سیئے
دُور تک ہم بھی گئے اپنے خریدار کے ساتھ
ایک احساسِ وفا کی طرح بے قیمت ہیں
ہم کو پرکھے نہ کوئی دِرہم و دینار کے ساتھ
رنجشِ کارِ زیاں، دربدری، تنہائی
اور دنیا بھی خفا تیرے گنہگار کے ساتھ
سینۂ سنگ پہ گل رنگ بہار اُتری ہے
کس نے دیکھا تھا ہمیں ایسے کبھی پیار کے ساتھ
کاوشِ کوہکنی رسمِ محبت ٹھہری
تیشہ زن آج بھی فرہاد ہے کہسار کے ساتھ
سعدؔ رسوائے زمانہ ہے مگر تیرا ہے
یوں نہیں ہوتے خفا اپنے گرفتار کے ساتھ

ایک دریا ہے مری آنکھ کی دیوار کے ساتھ
روز ملتا ہے مجھے وحشت و یلغار کے ساتھ
ہم کو رُکنا ہے کئی بار اُدھر دیکھنے کو
کیسے چل پائے کوئی وقت کی رفتار کے ساتھ
کوئی نقطے سے لگاتا چلا جاتا ہے فقط
دائرے کھینچتا جاتا ہوں میں پرکار کے ساتھ
یاد آتی ہیں کبھی بھولی ہوئی باتیں بھی
ایک اقرار کسی کا کسی انکار کے ساتھ
رنگ و رامش ہی پہ موقوف نہیں ہے سب کچھ
ہم کو رکھو نہ اسیرِ لب و رخسار کے ساتھ
کس کو معلوم، یہی روگ بنے گا اک دن
کتنے خوش باش ہیں کچھ لوگ غمِ یار کے ساتھ
صرف اور صرف محبت کا بیاں ایسا ہے
لطف کچھ اور بھی دیتا ہے جو تکرار کے ساتھ
سعدؔ وہ عام سا اک شخص ہے اور کچھ بھی نہیں
تم تو بس مارے گئے عشق کے اظہار کے ساتھ

رُوئے سخن نہیں تو سخن کا جواز کیا
بِن تیرے زندگی کے نشیب و فراز کیا
کتنی اداس شام ہے شامِ فراقِ یار
جانے گا کوئی رنجِ ستم ہائے راز کیا
بہتر ہے آئنے کے مقابل نہ آئیں ہم
تو جو نہیں تو خود سے بھی راز و نیاز کیا
تُو تو ہمارے شعر کے ظاہر پہ مر گیا
حُزن و ملال کیا تجھے سوز و گداز کیا
یہ شہرِ سنگ ہے یہاں ٹوٹیں گے آئنے
اب سوچتے ہیں بیٹھ کے آئینہ ساز کیا
جس کو نہ تابِ دید ہو، اے حسنِ بدگماں
اس کو ادا و عِشوہ و غمزہ و ناز کیا
غافل نہیں ہیں دوست کبھی بندگی سے ہم
عشقِ حقیقی گر نہیں عشقِ مجاز کیا
حاکم ہیں سعدؔ ہم نہ کسی کے غلام ہیں
محمود ہو کوئی یا کوئی ہو ایاز، کیا

حیرتِ پرتوِ مہتاب سے باہر نکلا
آنکھ کھلتے ہی میں اک خواب سے باہر نکلا
خاک برباد ہوئی ہے تو اُڑی پھرتی ہے
کب کوئی عالمِ اسباب سے باہر نکلا
زہرناکی مرے ماحول کو مجھ ہی سے ملی
میں کہاں منظرِ شاداب سے باہر نکلا
وہ زمیں بوس ہوا اور ہوا خاک میں خاک
جو ستارا کہ تب و تاب سے باہر نکلا
میں خلاؤں سے پلٹ آیا ہوں اور سوچتا ہوں
کچھ نہیں حسرتِ نایاب سے باہر نکلا
اک سلگتی سی تمنا کا دھواں ہے دل میں
بس یہی دیدۂ تلخاب سے باہر نکلا
شہپرِ خوف کا سایہ ہے ابھی تک سر پر
سعدؔ کب قریۂ خونناب سے باہر نکلا

یہ کیا کہ حالِ دلِ زار اسے سنانے کو
میں اپنے ساتھ رُلاتا ہوں اِک زمانے کو
جو اس کی یاد نہ آئے تو جی ٹھہر جائے
ہوا تو چاہیے بجھتا دیا جلانے کو
درونِ سینہ عجب شور سا ہے چڑیوں کا
کسی نے آگ دکھائی ہے آشیانے کو
میں کائنات میں بکھرا پڑا ہوں بے مصرف
یہ کس نے رنگ دیا ہے مرے فسانے کو
بھرم رکھا ہے اُسی نے مرا محبت میں
وہ آزما بھی تو سکتا تھا آزمانے کو
کہاں نکلتا ہے شیشے میں بال آیا ہوا
نبھا رہے ہیں تعلق تو ہم نبھانے کو
جو اختیار میں ہوتا تو کر گزرتے ہم
ذرا سی دیر نہ لگتی اسے بھلانے کو
وہ دل لگی میں نہ سمجھا کہ عشق کیا شے ہے
اب اس کے پاس تو کچھ بھی نہیں چھپانے کو
مجھے تو سعدؔ محبت کا پاس رکھنا ہے
اگرچہ اشک بھی باقی نہیں بہانے کو

بڑھا رہے تھے تعلق تو ہم بڑھانے کو
رکھا نہ پیشِ نظر دل کے ٹوٹ جانے کو
حقیقتوں سے کہاں باخبر رہا کوئی
تھی خود فریبی ہماری ہمیں لبھانے کو
کسی کے بس میں نہیں ہے کہ کچھ بگاڑ سکے
ستا رہا ہے زمانہ مگر ستانے کو
پناہ دیتی ہے ہم کو ہمیشہ تنہائی
کہ چھوڑتا نہیں کوئی کبھی ٹھکانے کو
بس اس کے سامنے چلتی نہیں ہماری بھی
وگرنہ بات بناتے ہیں ہم بنانے کو
وہ بات اس کو نہ جانے رُلا گئی کیسے
جو بات اس نے کہی تھی ہمیں ہنسانے کو

بابِ حریمِ حرف کو کھولا نہیں گیا
لکھنا جو چاہتے تھے وہ لکھا نہیں گیا
خوئے گریز پائیٔ نقشِ قدم نہ پوچھ
منزل کی سمت کوئی بھی رستہ نہیں گیا
اک حرفِ محرمانہ لہو میں اُتر گیا
پھر اس کے بعد ہم سے بھی سوچا نہیں گیا
تفسیرِ آرزوئے وفا دھڑکنوں میں تھی
وہ چپ رہا تو ہم سے بھی بولا نہیں گیا
بے چینیوں نے ہم کو تماشا بنا دیا
محفل میں جا کے بیٹھے تو بیٹھا نہیں گیا
اس کے جلو میں بیٹھ کے دنیا کی کیا کہیں
ہم سے تو اپنی سمت بھی دیکھا نہیں گیا
نفرت ہمیں ملی نہ محبت ملی ہمیں
اپنی طرح سے کوئی بھی چاہا نہیں گیا
پتھر سے چشمہ پھوٹ پڑا میرے سامنے
اس سے بھی اشک آنکھ میں روکا نہیں گیا
سب کچھ وہ کر گزرتا ہمارے لیے مگر
لیکن وہ اپنے بخت میں لکھا نہیں گیا
اے سعدؔ تمکنت تھی بہت اس کے حسن میں
ہم سے تو دل پہ ہاتھ بھی رکھا نہیں گیا

دل سے کوئی بھی عہد نبھایا نہیں گیا
سر سے جمالِ یار کا سایا نہیں گیا
اک اک قدم پہ دشت بگولا بنا رہا
آنکھوں تک ایک نقش بھی لایا نہیں گیا
کب ہے وصالِ یار کی محرومیوں کا غم
یہ خواب تھا سو مجھ کو دکھایا نہیں گیا
ہاں ہاں نہیں ہے کچھ بھی مرے اختیار میں
ہاں ہاں وہ شخص مجھ سے بھلایا نہیں گیا
وہ شوخ آئنے کے برابر کھڑا رہا
مجھ سے بھی آئنے کو ہٹایا نہیں گیا
ہاں جانتا تھا آگ لگے کی ہر ایک سمت
لیکن چراغ مجھ سے بجھایا نہیں گیا
وہ بھی تھا خود پسند تو میں بھی تھا بد دماغ
بارِ انا کسی سے اٹھایا نہیں گیا
آساں نہیں حضور جدائی کا مرحلہ
ہم سے تو ہاتھ تک بھی ہلایا نہیں گیا
اڑتا رہا میں دیر تلک پنچھیوں کے ساتھ
اے سعدؔ مجھ سے جال بچھایا نہیں گیا

تنہا فقط مجھے ہی رُلایا نہیں گیا
یاں کون ہے کہ جس کو ستایا نہیں گیا
مجھ کو ہی کوستے ہیں سبھی لوگ کس لیے
اب تک کسی سے عشق چھپایا نہیں گیا
فطرت کا اک نظام ہے تقسیمِ کار میں
اپنے لیے تو سب کو بنایا نہیں گیا
آنے میں اختیار نہ جانے میں اختیار
آیا نہیں گیا کبھی جایا نہیں گیا
مر مر کا ایک بت تھا مرے آئینے کے بیچ
جس پر کوئی بھی رنگ جمایا نہیں گیا
لوگوں نے پیڑ کاٹ دئیے دھوپ کے لیے
بس آسمان ان سے گرایا نہیں گیا
اے سعدؔ سن رہا ہوں میں اپنے وجود میں
ایسا ہی ایک نغمہ جو گایا نہیں گیا

کوشش کے باوجود بھی رویا نہیں گیا
دامن کا ایک داغ بھی دھویا نہیں گیا
برسے پھر ابر ایسے کہ بس کچھ نہ پوچھئے
وہ بیج بھی اگا کہ جو بویا نہیں گیا
آشفتگی کے زیرِ اثر گزرے رات دن
جاگا نہیں گیا کبھی سویا نہیں گیا
اب بھی تو چونک اٹھتے ہیں ہم اس کے نام پر
دل سے ہمارے وہم سا گویا نہیں گیا
زیبِ گلو کریں تو کریں کس طرح اسے
وہ پھول جو کہیں بھی سمویا نہیں گیا
ہم پر کھلا نہیں کہ وہ کیسا ہے عشق سعدؔ
جس میں کہ اپنا چین بھی کھویا نہیں گیا

خیالِ حلقۂ زنجیر سے عدالت کھینچ
عذابِ بارِ نفس ہے تو پھر ندامت کھینچ
ہوائے حرص و ہوس سے نکل کے دیکھ ذرا
ضمیرِ رشتۂ احساس سے ملامت کھینچ
فریبِ عشقِ بتاں سے نکل پئے ناموس
برنگِ خارِ مغیلاں زدشت راحت کھینچ
بنوکِ کلکِ امانت اٹھا لہو دل سے
جبینِ مصحفِ کردار پر صداقت کھینچ
برائے عظمتِ انساں بنامِ کرب و بلا
یزیدیت ہو مقابل تو پھر شجاعت کھینچ
بفیضِ صحبتِ رومیؔ و حافظؔ و بیدلؔ
بمثلِ غالبؔ و اقبالؔ تو ریاضت کھینچ
نہیں ہے سعدؔ پس و پیش عشق و مستی میں
کہا تھا کس نے کہ خود ہی سے یوں عداوت کھینچ

آج بھی میرا نہیں اور مرا کل بھی نہیں
سچ تو یہ ہے کہ مرے ہاتھ میں اک پل بھی نہیں
وہ کہ تسلیم تو کرتا ہے محبت میری
میں ادھورا بھی نہیں اور مکمل بھی نہیں
کیسی دانائی کہ مر جانا کسی کی خاطر
میرے جیسا کوئی اس دنیا میں پاگل بھی نہیں
کیا غضب ہے کہ وہ پھر بھی ہے قیامت آسا
رُخ پہ غازہ بھی نہیں آنکھ میں کاجل بھی نہیں
کیا خبر کون سے موسم میں پڑا ہوں اب کے
دل میں صحرا بھی نہیں آنکھ میں بادل بھی نہیں
وہ جو دیتا ہے مجھے غیب سے یوں رزقِ سخن
مجھ پہ ظاہر تو نہیں ہے مگر اوجھل بھی نہیں
جانے یہ کیسا سفر ہے کہ چلے جاتے ہیں
آنکھ کھلتی نہیں اور ہاتھ میں مشعل بھی نہیں
دوست! کس بات پہ موقوف ہے اب تیرا سفر
پاؤں زخمی بھی نہیں جسم ترا شل بھی نہیں
سعدؔ اب دل کو سنبھالیں کہ کوئی کام کریں
مسئلہ وہ ہے کہ اب جس کا کوئی حل بھی نہیں

شامِ فراقِ یار نے ہم کو اداس کر دیا
بخت نے اپنے عشق کو حسرت و یاس کر دیا
خوئے جفائے ناز پر اپنا سخن ہے منحصر
ہم نے تو حرف حرف کو حرفِ سپاس کر دیا
کب تھے زمانہ ساز ہم، کب تھے کسی کا راز ہم
ہم کو ادائے شہر نے، شہر شناس کر دیا
اے کہ ہوائے تُندخُو! اور بڑھا دیے کی لو
غم نے تو آہِ سرد کو اپنی اساس کر دیا
اپنی تو بات بات سے آتی ہے یوں مہک کہ بس
جیسے ہمیں بھی یار نے پھولوں کی باس کر دیا
کیسی عجیب بات ہے اس کی نگاہِ ناز نے
ہم کو بدل کے رکھ دیا، عام سے خاص۱ کر دیا
کیا ہے طلسمِ حرف و صوت! اُس نے تو جنبشِ لب سے ہی
دل کو نہال کر دیا، زیست کو آس کر دیا
دیکھ لی حسن کے سامنے ہم نے بھی عشق کی بے بسی
وقت نے پیکرِ عشق پر غم کو لباس کر دیا

پھر چشمِ نیم وا سے ترا خواب دیکھنا
اور اس کے بعد خود کو تہِ آب دیکھنا
کیوں زخم ہائے سینہ پہ خنداں بہ لب ہیں دوست
اے آسمان! شیوۂ احباب دیکھنا
ٹوٹا ہے دل کا آئنہ اپنی نگاہ سے
اب کیا شکستِ ذات کے اسباب دیکھنا
شوریدگی پہ میری تُو حیرت زدہ ہے کیوں
دیوانگی ہے رات میں مہتاب دیکھنا
اُترے ہیں بحرِ عشق میں اہلِ جنوں سو اب
طوفان دیکھنا ہے نہ گرداب دیکھنا
تلخی میں بھی وہ بھولا نہیں آپ اور جناب
تہذیب اُس کی دیکھنا، آداب دیکھنا
کیسی ہے سرد مہریِ جاناناں سعدؔ جی
شل ہو نہ جائیں اپنے یہ اعصاب دیکھنا

دل کے سمندروں کو نہ پایاب دیکھنا
ہر گام اپنے آپ کو غرقاب دیکھنا
گہرائیوں میں ڈوبنا، گوہر تلاشنا
گویا کہ چشمِ بحر میں نیلاب دیکھنا
دریا کا پانی گھونٹ بنا کوہسار کا
آنکھیں ہوئی ہیں وقت کی خونناب دیکھنا
ہوتا ہوں کیوں اُداس! کبھی جان لو گے تم
شامِ شفق کے عکس میں سرخاب دیکھنا
خوشبوئے شامِ وصل سے لبریز ساعتیں
اب دیکھنا ذرا، دلِ بیتاب، دیکھنا
دیکھے گا کون وسعتیں اس کائنات کی
اے سعدؔ آسمان کو محراب دیکھنا

خود کو کھویا ہے تجھے اپنا بنانے کے لیے
راہ گم کردہ رہے، راہ پہ آنے کے لیے
اے مری شمعِ فروزاں یہ ادا کیسی ہے
تو نے سب شمعیں جلائی ہیں بجھانے کے لیے
رائیگاں ہوتے ہوئے اپنے شب و روز تو دیکھ
کچھ مہ و مہر بنا ان کو سجانے کے لیے
بعد پروانے کے یہ راز کھلا ہے کس پر
شمع جلنے کے لیے ہے کہ جلانے کے لیے
ہر گھڑی عشوہ گری کرتی نشیلی آنکھیں
جن میں وعدہ ہی نہیں کوئی نبھانے کے لیے
خودسری زیبا ہے تجھ کو کہ بھری دنیا میں
ہم تو آئے ہیں ترے ناز اٹھانے کے لیے
خامشی اپنی کوئی عجز نہیں ہے ہرگز
کوئی سنتا ہو تو کیا کچھ ہے سنانے کے لیے
جان لے سعدؔ یہ آساں بھی نہیں ہے اتنا
ہمیں درکار ہے تُو غم کو بھلانے کے لیے

باعثِ رنج و محن، غیظ و غضب پوچھتے ہیں
ہم سے کیا بات ہوئی سوئے ادب، پوچھتے ہیں
رسمِ دنیا سے بھی آگاہ نہیں وہ کافر
ورنہ بیمار سے احوال تو سب پوچھتے ہیں
ایک وہ ہیں کہ تعلق سے ہیں یکسر منکر
ایک ہم ہیں کہ جدائی کا سبب پوچھتے ہیں
کیا کہیں ان سے جو خوشبو سے شناسا ہی نہیں
کیا کبھی پھول سے بھی نام و نسب پوچھتے ہیں!
دل دھڑکتا ہے کہ اے کاش وہ پوچھیں اپنا
سانس رک جاتی ہے سینے میں وہ، جب پوچھتے ہیں
پہلے تو آگ لگاتے ہیں تماشے کے لیے
اور پھر حال بھی وہ خندہ بہ لب، پوچھتے ہیں
حال ایسا کہ بتانے کے بھی قابل نہ رہا
لوگ ایسے کہ مرا حال بھی اب پوچھتے ہیں
سعدؔ شب زاد ہیں جو ایک دیے کی صورت
ان سے منزل کا پتہ کرمکِ شب پوچھتے ہیں

وہ مجھ کو چھوڑ گیا اور گماں تلک نہ ہوا
کہاں تلک میں ہوا اور کہاں تلک نہ ہوا
عجیب آگ تھی بڑھتی گئی جو اشکوں سے
عجیب اشک تھے جن سے دھواں تلک نہ ہوا
غبارِ دشت برابر اٹھا فلک پیما
مگر اس آنکھ سے محمل نہاں تلک نہ ہوا
صدائے باد و جرس تو تمام شب ہی رہی
وہ کارواں بھی عجب تھا، رواں تلک نہ ہوا
مرے تو کام نہ آئی ستارہ سازی بھی
کہ چاند مجھ پہ کبھی مہرباں تلک نہ ہوا
یہ بے بسی تھی مری یا کہ بے نیازی تھی
کہ ہاتھ میرا بلند آسماں تلک نہ ہوا
میں سوچتا ہوں کہ وہ لوگ کس طرح کے تھے
کہ لوحِ وقت پہ جن کا نشاں تلک نہ ہوا
وفورِ رنج و الم میں بھی پاسِ وعدہ رہا
کہ میرا کوئی بھی جذبہ فغاں تلک نہ ہوا

جب ستارہ ہی مقدر کی طرف کھینچتا ہے
کیا کہیں کون ہے جو شر کی طرف کھینچتا ہے
ٹوٹ جانے میں بھی لذت ہے یقینا کوئی
ورنہ کون آئنہ پتھر کی طرف کھینچتا ہے
میری آنکھوں میں ہے اک سیپ کی صورت شاید
اک گہر مجھ کو سمندر کی طرف کھینچتا ہے
یہ روایت ہے روایت سے کرے کون گری
کوئی پتھر کو مرے سر کی طرف کھینچتا ہے
بس وہی پیار تو مرنے نہیں دیتا مجھ کو
دربدر کو جو کسی در کی طرف کھینچتا ہے
کششِ ثقل کو سمجھا ہے ذرا میں نے بھی
یہ کوئی مجھ کو مرے گھر کی طرف کھینچتا ہے
یہ مرا حسنِ نظر ہے یا ترا حسنِ جمال
دل ہر اک رنگ کو اندر کی طرف کھینچتا ہے
پھر کشش کرتا ہے وہ حرص و ہوس کی جانب
پھر وہی سانپ ہمیں زر کی طرف کھینچتا ہے

وضع داری نہ تکلف نہ لطافت سمجھا
دلِ کم فہم مروّت کو محبت سمجھا
قند میں لپٹا ہوا زہر تھا سب راز و نیا
میں کہ محرومِ وفا اس کو عنایت سمجھا
عین فطری تھا حسد مجھ سے مرے یاروں کا
جانے کیوں کر میں رقابت کو عداوت سمجھا
یہ مرا سحرِ سخن ہے کہ ترا رنگِ طلسم
ورنہ یاں کون صداقت کو صداقت سمجھا
ایک ہم ہیں کہ اذیت میں رہے شام و سحر
ایک وہ ہے کہ محبت کو ضرورت سمجھا
سعدؔ دانائی کی کیا بات چھپی ہے اس میں
تُو اگر میری محبت کو حماقت سمجھا

یہ عشق کیا ہے فقط سحرِ باریابی ہے
اور اس کے بعد جو عمروں کی نیم خوابی ہے
میں اپنی تشنہ لبی سے فریب کھاتا ہوں
وگرنہ سامنے صحرا بھری سرابی ہے
میں ایک جھیل کی صورت ہوں آئنے کی طرح
کسی کے دم سے یہ باطن بھی ماہتابی ہے
بیانِ حالِ دلِ ناصبور کون سنے
یہاں تو عشق و محبت بھی اب نصابی ہے
بس ایک خواہشِ بے سود ہے سمجھنا مجھے
جمالِ یار کا پرتو مری خرابی ہے
میں اپنے آپ سے نالاں بھی ہوں گریزاں بھی
کہ بے سبب ہی مرا آسماں گلابی ہے
سخنوری کے نشے میں بہک نہ جاؤں کہیں
کسی کی آنکھ میں تھوڑی سی بے حجابی ہے

دل کی دھڑکن بھی ہے وابستہ ترے لہجے سے
بات کرتے ہوئے رہتے ہیں جو ہم سہمے سے
کیا کریں پاؤں ہی اپنے نہ اگر بس میں رہیں
ہم کہ پلٹے ہیں کئی بار ترے رستے سے
بھیگتی آنکھ میں جمتا ہی نہیں نقش کوئی
اشک اٹھاتے ہیں خد و خال ترے چہرے سے
عشق پل بھر میں بدل دیتا ہے دنیا دل کی
اب نہ ہم ہیں نہ شب و روز رہے پہلے سے
جب کوئی رنگ ہی بھرنے نہیں دیتا اُن میں
کیوں بناتے ہی چلے جاتے ہیں ہم خاکے سے
کیا کریں آنکھ میں منظر ہی نہ بن پایا کوئی
خواب تو سب نے دکھائے تھے بہت اچھے سے
ہم سے انہونی کوئی ہو کے رہے گی اک دن
تیری تصویر اٹھائیں گے کسی شیشے سے
کارِ لاحاصلیِ شوق اسے کہتے ہیں
خود کو وابستہ نہ کر پائے کسی لمحے سے

ۙگردش میں ہے جو اپنا ستارہ تو کیا کریں
وہ ماہ وش نہیں ہے ہمارا تو کیا کریں
پہلو تہی تو اس کی عیاں ہے بہت مگر
دل ہی اگر نہ سمجھے اشارہ تو کیا کریں
گرتا ہے کون ایسے کسی کے لیے اے دوست!
اس بِن نہ ہو جو اپنا گزارا تو کیا کریں
اشکوں سے آگ دل کی بجھائیں تو کس طرح
اپنے نفس میں ہے جو شرارہ تو کیا کریں
شکوہ کسی سے کیا کریں قسمت بری ہو جب
دریا میں پھینک دے جو کنارا تو کیا کریں
اے سعدؔ تیرے عشق میں کچھ بھی کمی نہیں
لیکن نہ ہو جو اس کو گوارا تو کیا کریں

اپنی سوچوں کے تعاقب میں کہاں تک جاتے
روشنی بن کے نکلتے تو وہاں تک جاتے
ایسے لگتا ہے نشانے پہ ہے اپنی قسمت
ورنہ سب تیر مسلسل نہ کماں تک جاتے
ہم نے اچھا کیا لوٹ آئے وگرنہ ہم لوگ
فاصلے اور بڑھا آتے جہاں تک جاتے
تیری صورت پہ کھلا مطلعِ انوارِ فسوں
ہم بھٹک جاتے اگر وہم و گماں تک جاتے
گر ہمیں خوف نہ ہوتا تری رسوائی کا
عین ممکن تھا کہ ہم آہ و فغاں تک جاتے
سعدؔ اپنی تو طبیعت ہی انوکھی تھی بہت
ورنہ ہم لوگ نہ ایسے ہی زیاں تک جاتے

ہمارے در سے شبِ ماہ سوگوار گئی
اور اپنی آنکھ سے ویرانیاں گزار گئی
وہ ایک ساعتِ حیراں کہ پتلیوں پر ہے
وہ اک نظر کہ جو سینے کے آر پار گئی
میں اپنے آپ سے ناراض ہوں یقیں جانو
کہ اس کے سامنے جیسے اَنا بھی ہار گئی
جسے میں دستِ تخیل پہ لے کے اڑتا تھا
وہ خاکِ رہ مجھے پاتال میں اتار گئی
کسی بھی وہم کو دل میں جگہ نہ دینا دوست
خزاں جو ذہن میں آئی تو پھر بہار گئی
اب اس قدر بھی گیا گزرا میں نہیں ہوں سعد ؔ
مجھے تو جیسے محبت کسی کی مار گئی

در پئے ہستی موہوم قضا سی کیا ہے
اپنا مقسوم جو ٹھہری وہ سزا سی کیا ہے
وجہِ تخلیقِ جہاں تھی مری لغزش ورنہ
رحمتِ حق کے مقابل یہ خطا سی کیا ہے
کیوں اڑاتی ہے مری خاک مجھے سوئے فلک
میرے انفاس میں شامل یہ ہوا سی کیا ہے
محوِ حیرت ہوں کہ ویرانے میں ہے کون مکیں
میرے سینے سے الجھتی یہ صدا سی کیا ہے
نہ کوئی صبحِ طرب ہے نہ کوئی شامِ نشاط
کچھ بھی کھلتا نہیں مجھ پر کہ اداسی کیا ہے
ریزہ ریزہ ہوئی جاتی ہیں مجسم شکلیں
الحذر! آئنہ خانہ میں بلا سی کیا ہے
تُو جو دریا ہے تو پھر توڑ دے ساحل اپنے
اے مری موجِ گریزاں یہ حیا سی کیا ہے
جب یقیں دل سے اٹھا تو مجھے احساس ہوا
گرد ہوتی ہوئی سر پر یہ رِدا سی کیا ہے
پاؤں کی مٹی بھی کب چھوڑ سکا پھر کوئی
زندگی! دیکھ ہماری یہ قضا سی کیا ہے
تُو اگر وہم ہے یا خام خیالی میری
پھر سرِ شام ان آنکھوں میں گھٹا سی کیا ہے
سعدؔ کیوں تجھ سے ملیں صرف بچھڑنے کے لیے
ہاں اگر طے ہے یہ سب کچھ، تو دعا سی کیا ہے

لوگ خندہ بہ لب ہیں رازوں پر
کچھ تو لکھا ہوا ہے چہروں پر
تُو ستارہ شناس ہے تو بتا
کچھ ستارے ہیں میری پلکوں پر
میرے دامن میں ایک چاند بھی ہے
ایک تہمت ہے یہ بھی آنکھوں پر
تُو تو پامال کرتا جاتا ہے
دیکھ کیا کچھ پڑا ہے رستوں پر
میری رگ رگ میں برق دوڑتی ہے
لمس کس کا ہے دل کے تاروں پر
خود ہی بنتی بگڑتی رہتی ہیں
کچھ لکیریں ہیں میرے ہاتھوں پر
سعدؔ روتا تو ہو گا راتوں کو
وہ جو ہنستا ہے میری باتوں پر

اپنی فطرت کے مطابق ہی بدل جاتے ہیں
کس طرح لوگ نئے سانچے میں ڈھل جاتے ہیں
ہاں کوئی روشنی ان کو بھی نظر آتی ہے
ورنہ پروانے بھی کب ایسے ہی جل جاتے ہیں
تُو تو مانوس نہیں ہے کسی ویرانے سے
یہ کئی بار خزانے بھی اُگل جاتے ہیں
چاندنی رات میں باہر نہ نکلنا دیکھو
یہ جنوں والے تو ایسے ہی مچل جاتے ہیں

کوئی رستہ ہے نہ منزل میں کدھر جاؤں گا
گردشِ شام و سحر بن کے گزر جاؤں گا
مجھ کو رہنے دے ابھی اپنے در و بام کے پاس
میں ترے شہر سے نکلا تو بکھر جاؤں گا
مجھ کو باندھا ہے زمیں نے تو اسے قید نہ جان
اس کشش سے جو میں نکلا تو ٹھہر جاؤں گا
شاعرانہ جو نہیں ہے گلِ تر کی صورت
میں تو پھر قوسِ قزح ہی سے مکر جاؤں گا

عشق ہے گر زیاں تو کیا کیجئے
نہ ملے گر اماں تو کیا کیجئے
آگ پانی کا کھیل جاری ہے
اُٹھ رہا ہے دھواں تو کیا کیجئے
کون کہتا تھا دل لگاؤ تم
اب ہے آہ و فغاں تو کیا کیجئے
دھوپ تقدیر ہے تو کیا کہیے
گر نہیں سائباں تو کیا کیجئے
اس محبت کو راز کرنے میں
گر نہیں راز داں تو کیا کیجئے
دونوں اپنی جگہ تو قائم ہیں
کچھ نہیں درمیاں تو کیا کیجئے

یہ خوابِ انبساطِ وصالِ صنم ہے کیا
تعبیرِ سِحرِ ذات کا پیہم ستم ہے کیا
لاحاصلی کمالِ محبت نہیں تو پھر
یہ حسنِ دلفریبیٔ جور و ستم ہے کیا
تاثیرِ ماہِ نیم شبی گل پہ جا کھلی
صد چاک ہائے دامنِ چشمِ الم ہے کیا
عقدہ کشائی کون کرے اس حیات کی
کھلتا نہیں کسی پہ کہ راہِ عدم ہے کیا
احساسِ التفاتِ محبت سے ہیں جڑے
دونوں کے درمیان وگرنہ بہم ہے کیا
اے سعدؔ اپنا حال چھپاتے نہیں ہیں یوں
کچھ بھی نہیں جو دل میں تو آنکھوں میں نم ہے کیا

رِدائے خوف میں لپٹا ہوا ہے روئے سخن
رہے گی قید میں کب تک ہوائے بوئے سخن
ہوائے تند چلی ہے، مگر یہ کیا کم ہے
کہ پر فشاں تو ہوا آج مرغِ جوئے سخن
ہر ایک سمت کھلے ہیں گلاب لفظوں کے
ہمارے پاس تو آئے جسے ہو خوئے سخن
کسی کا نام سرِ بزم یوں نہیں لیتے
کہ آشنائے سخن کو ہے یہ بھی سوئے سخن
کسی کی یاد میں روتا ہوں، شعر کہتا ہوں
یہ میری بستیٔ غم ہے، یہ میرا کوئے سخن
کہیں تو کیا کہیں، وہ بات تو سمجھتا ہے
مگر کچھ ایسے کہ جیسے ہو وہ عدوئے سخن
کسے خبر ہے کہ اے سعدؔ کچھ نہیں ہیں ہم
کسی کا نام ہوا زینتِ گلوئے سخن

خاک اٹھاتی ہے ایک دانے کو
یہ ہے بنیاد آشیانے کو
اک ستارہ جو بن گیا قسمت
وہ تو نکلا تھا جگمگانے کو
یاد رکھنے کو پاس کیا کچھ ہے
اور کچھ بھی نہیں بھلانے کو
رات آنکھوں میں اشک لاتی ہے
دن نکلتا ہے مسکرانے کو
پھر یہ سینے میں آگ کیسی ہے
دل نہ تھا پاس گر جلانے کو
شہر اجڑنے کا دکھ نہیں اے دوست
کوئی آیا نہیں بچانے کو

کس کو دکھائیں ٹوٹتے منظر کی بے بسی
حیرت، شکستِ آئنہ، پتھر کی بے بسی
وہ چودھویں کے چاند کی صورت ہے مطمئن
میں ہوں جنوں بدست سمندر کی بے بسی
اک زعمِ اختیار تھا زنجیر بن گیا
دیکھی نہیں کسی نے مقدر کی بے بسی
آتش فشاں کے پاس ہے آباد ایک شہر
اندر کی بے بسی میں ہے باہر کی بے بسی
پوچھو غریبِ شہر سے یہ زندگی ہے کیا
خیرات میں ملی اُسے در در کی بے بسی
اے سعدؔ اسے بنانا ہے خواہش کو قیمتی
گویا چمک دکھائے گی زرگر کی بے بسی

ہے عیاں طرزِ تخاطب میں بھی نخوت اُس کی
پھر بھی آنکھوں سے لگی رہتی ہے صورت اُس کی
مجھ کو کھینچے لیے جاتا ہے کوئی بحرِ سخن
میں کہ محسوس کیے جاتا ہوں صحبت اُس کی
اعتماد اُس کو نہیں مجھ پہ مگر خود پہ تو ہے
لیکن اُس پر بھی مری سمت ہے رغبت اُس کی
جس کو بھی ذوقِ سخن ہے وہ ہمارا ہے فقط
وہ نہیں بنتا ہمارا تو محبت اُس کی
نام اُس کا میں لکھوں اور مٹا دوں خود ہی
کون سمجھے گا مرے دوست یہ حاجت اُس کی
ہم سمجھتے ہیں محبت کے معانی اے دوست
کیوں نہ لازم ہو ہر اک حال میں عزت اُس کی

مہر جانانِ جہاں غم کے سوا کچھ بھی نہیں
اے گلِ خواب میں شبنم کے سوا کچھ بھی نہیں
اے مری روحِ سخن، کیا ہے حقیقت میری
میں وہ نغمہ ہوں جو سَرگم کے سوا کچھ بھی نہیں
ایک سَرگم ہے پسِ صوت و صدائے ہستی
جس میں ادراکِ فنا سم کے سوا کچھ بھی نہیں
مرکزِ شام و سحر، دشنہ و خنجر سی نظر
دل کی دھڑکن ہے کہ ماتم کے سوا کچھ بھی نہیں
لمسِ احساسِ جمالِ رُخِ زیبا، توبہ
ہے اگر دم تو یہ ہمدم کے سوا کچھ بھی نہیں
تیرا اندازِ پذیرائی سخن ہے مجھ کو
حرفِ شیریں مجھے مرہم کے سوا کچھ بھی نہیں
میں ترے عشق میں پھرتا ہوں سرِ دشتِ خیال
وحشتِ آہو، مجھے رم کے سوا کچھ بھی نہیں
سعدؔ ایسا تو نہیں ہے کہ محبت اس کی
ایک احساسِ ترحّم کے سوا کچھ بھی نہیں

میں تو بس اکپنی حماقت پہ پریشان ہوا
ہاں مگر ایک سہارا کہ میں انسان ہوا
کیفیت دل کی بھلا کون بتا سکتا ہے
یہ کوئی شہر نہیں ہے کہ جو ویران ہوا
دیکھ اب کیسی پزیرائی ملی ہے مجھ کو
جب ترا درد مرے شعر کی پہچان ہوا
ایک وہ شخص کہ جو میرا نہیں تھا ہرگز
اس کے جانے سے بھلا کیا مرا نقصان ہوا
کیوں کہوں گا کہ زمانہ ہی غلط ہے سارا
میں تو خود اپنی محبت پہ پشیمان ہوا
ایک بادل تھا جو ہاتھوں میں ہوا کے آیا
آسمانوں کا زمیں پر مگر احسان ہوا
دور کے ڈھول سہانے ہیں یہ طے ہے لیکن
تجھ کو دیکھا تو میں کچھ اور بھی حیران ہوا
اس نے مجھ ہی کو نکالا ہے مرے خیمے سے
وہ جو دو چار گھڑی کو مرا مہمان ہوا
کس کو معلوم کہ ہم مارے گئے رستے میں
کس کو معلوم سفر اپنا بھی آسان ہوا
اک ستارہ تھا کہ جو اپنے مقدر میں نہ تھا
ڈھل گیا اشک کی صورت کہ جو ارمان ہوا
اک شجر بیج بنا ڈالا ہے پھر سے دیکھو
ہم نے پورا کیا، جو دل سے تھا پیمان کیا

جینے دے گا وہ مجھے اور نہ مرنے دے گا
اپنی مرضی سے کوئی کام نہ کرنے دے گا
وضع داری بھی ہے اس میں تو حیا داری بھی
نہ سمیٹے گا وہ خود کو نہ بکھرنے دے گا
اک بلندی پہ مجھے اُس نے بٹھا رکھا ہے
وہ زمیں پر بھی مجھے پاؤں نہ دھرنے دے گا
اک سمندر ہے کہ وابستہ ہے ان آنکھوں سے
جو ڈبوئے گا مجھے اور نہ ابھرنے دے گا
گرچہ پہنچا ہوں سرِ بام میں زینہ زینہ
اب بھلا کون مجھے ایسے اترنے دے گا
اس کا اپنا بھی تعارف ہے فقط بادِ صبا
خالی ہاتھوں تو اسے گل نہ گزرنے دے گا

دیکھ ہم رازِ محبت بھی اُگل سکتے تھے
اشک تو اشک ہیں آنکھوں سے نکل سکتے تھے
ہم کو رکھنا تھا محبت کا بھرم، رکھا ہے
ورنہ تیری طرح ہم بھی تو بدل سکتے تھے
دیکھ الزام نہ دے ہم کو یونہی بِن سوچے
جو سنبھل سکتے نہ تھے، کیسے سنبھل سکتے تھے
ہم نے اشکوں میں ترے لفظ بھگو کر رکھے
ورنہ ان سے تو کئی لوگ بھی جل سکتے تھے
تیری سچائی نے ہم کو نہ کہیں کا چھوڑا
ہم تو آسانی سے سو بار بہل سکتے تھے
کیسا الزام کسی پر کہ قصور اپنا ہے
ہم کسی اور روش پر بھی تو چل سکتے تھے
تیری دہلیز پہ لائے ہیں ستارے ہم بھی
ورنہ یہ دن کی تمازت میں بھی ڈھل سکتے تھے

زلزلے کے حوالے سے لکھی گئی غزلیں

کیا ہوا دم میں مرا شہر تہِ خاک ہوا
دامنِ صبر مرے ہاتھ میں صد چاک ہوا
حاصلِ زیست ہے کیا، کون بتائے مجھ کو
مرگِ انبوہ سے کب موت کا ادراک ہوا
سب ہی شامل ہیں محبت کے عزاداروں میں
دل ہوا میرا کہ مرا دیدۂ نمناک ہوا
رحم کر مجھ پہ کہ مولا میں ترا بندہ ہوں
گو کہ سرکش ہوا، باغی ہوا، بے باک ہوا
حیثیت سامنے آئی کہ کھنڈر ہے عالم
جانے کیا کچھ تھا کہ پل میں خس و خاشاک ہوا
یہ ہیں وہ لوگ جو آزاد ہوئے تیرے لیے
یہ ہے خطہ کہ ترے نام سے بس پاک ہوا
اس کے صدقے ہی معافی کا طلبگار ہوں میں
وہ ترا پیارا کہ جو صاحبِ لولاک ہوا

کیسی تعبیر تھی وابستہ مرے خواب کے ساتھ
دل بھی ڈوبا ہے مرا دیدۂ خونناب کے ساتھ
کیا قیامت ہے کھنڈر ہو گئی بستی ساری
زندگی دفن ہوئی صورتِ اسباب کے ساتھ
منہ کو آتا ہے کلیجہ کہ یہ منظر ہے عجب
لوگ روتے ہیں گلے مل کے جو احباب کے ساتھ
کیا کہوں کیسے زمیں بوس ہوئے تاج محل
ٹوٹ کر گرتے رہے تارے بھی مہتاب کے ساتھ
اے خدا تیری مشیت ہے تو پھر کیا کہیے
تو جو چاہے تو رکھے زیست کو زہراب کے ساتھ
بیٹھے بیٹھے ہوئے بے گھر سبھی دیکھو کیسے
عاقبت جن کی ہوئی ماہیِ بے آب کے ساتھ

کوئی کہے کہ موت کو تصویر کیا کریں
کچھ بھی نہیں بچا ہے تو تحریر کیا کریں
کیسے الٹ گئی ہے بساطِ حیاتِ شہر
اے دوست! اپنی شومئی تقدیر، کیا کریں
سر پر سفر کی رات ہے اور راستے بھی بند
اب ٹھوکریں نہ کھائیں تو شب گیر کیا کریں
تکتے ہیں بار بار فقط سوئے آسماں
امید بر نہ آئے تو دلگیر کیا کریں
آفت کی اس گھڑی میں ہمیں سوچنا ہے بس
تعمیرِ نو کے واسطے تدبیر کیا کریں
کھلتا نہیں ہے ہم پہ کہ صیّاد کون ہے
ہوویں نہ گر شکار تو نخچیر کیا کریں
آزادیوں پہ اپنی ہی ماتم کناں ہیں ہم
وہ جو پڑی ہے پاؤں میں زنجیر کیا کریں
یہ ملک سعدؔ شاعرِ مشرق کا خواب ہے
سوچو ہم اُس کے خواب کی تعبیر کیا کریں

نظمیں

میرے پاس ہنر ہے ۔۔۔

میں کیا جانوں
سونا اور چاندی کیسے بنتے ہیں
موتی سیپ میں بنتا ہے یا اور کہیں
مجھ کو کچھ معلوم نہیں
میرے پاس تو اپنا ہنر ہے
(جس میں خواہشِ دل کا اثر ہے
جس میں دیدۂ تر ہی ثمر ہے)
ایک دعا اور گریہ زاری ۔۔۔میرا ہنر ہے
آنسو آنکھ میں آنے سے پہلے ہی
موتی بن جاتا ہے
دھلی ہوئی ان آنکھوں سے پھر
جس بھی شے کو دیکھتا ہوں میں، سونا بن جاتی ہے
اور جب مٹی سونا بن جائے تو
ساری خواہشیں مٹ جاتی ہیں
میرے لب پر حرفِ دعا ہے ’اسمِ اعظم‘
اور مرے ہاتھوں کو گیلا کرتا ہوا آنکھوں کا نم
مجھ کو کیسا غم!
میرے پاس ہنر ہے میرا

علامہ اقبال ؒ کے حضور ایک نظم

اے کہ خوابیدہ مقدر کو جگانے والے
دیدۂ دل پہ مرے خواب سجانے والے
حاصلِ روح خودی ہے تری آزادی بھی
اپنی ملت کو یہ احساس دلانے والے
شعلۂ جذبۂ ایمانی بنا سوزِ دروں
تپشِ جذب سے سینے کو جلانے والے
خاکِ طیبہ ہی تری آنکھ کا سرمہ ٹھہری
عشقِ دانائے سبل دل میں بسانے والے
مقصدِ کون و مکاں تھا تجھے قرآن و حدیث
اے کہ ہر حرف کی توقیر بڑھانے والے
صدقۂ حُبِ نبیؐ کلک گہر بار ہوا
حرفِ گنجینۂ معنی کو لٹانے والے
تیری باتوں میں بصیرت ہے حکیم الامت
معترف یونہی نہیں تیرے زمانے والے

21جولائی2005ء کی صبح

اٹھو دیکھو
تمہیں ملنے چلی آئی ہے برکھا رُت
ذرا اب نیند سے بیدار ہو جاؤ
اور اپنے خواب سے نکلو
تمہارے خواب کی تعبیر باہر ہے
تمہاری کھڑکیوں پر دستکیں دیتی ہوئی رم جھم
دلوں کو گدگداتی ہے
بھری بوچھار کی صورت تمہیں باراں بلاتی ہے
تم اپنی کھڑکیوں سے ریشمی پردوں کو سرکاؤ
گھٹائیں منتظر ہیں چشمِ مے گوں میں اترنے کو
در و دیوار سے اڑتے ہوئے چھینٹے گہر صورت
تمہاری جستجو میں دیر تک کیسے چمکتے ہیں
فرازِ بام سے گرتی ہوئی سب آبشاریں بھی تمہیں نغمہ سناتی ہیں
دھُلے اشجار سے مل کر ہوائیں گنگناتی ہیں
سبھی ندیاں بہم ہو کر تمہاری سمت آتی ہیں
تمہاری چھت کے اوپر آسماں ہے یا سمندر ہے ۔۔۔ نہیں کھلتا
زمیں سے آسماں تک اک دھواں ہے باد و باراں کا
خدارا اک نظر ڈالو
وگرنہ تو یہ منظر بھی بدل جائے گا آخر کو
(مناظر کب کسی کے بس میں ہوتے ہیں
کبھی ہم ان پہ ہنستے ہیں ۔۔۔ کبھی ہم ان پہ روتے ہیں)
ذرا کھڑکی تو کھولو تم ۔۔۔ذرا باہر تو جھانکو تم
تمہیں معلوم تو ہو کچھ
کہ تم اور موسمِ باراں تو بالکل ایک جیسے ہو
اٹھو کھڑکی تو کھولو تم
تمہیں ملنے چلی آئی ہے برکھا رُت

آنکھیں یا سپنا

میں نے تیری آنکھوں میں
اک سپنا دیکھا
یا پھر سپنے میں تھیں تیری آنکھیں
کچھ بھی تھا یہ
آنکھیں تھیں یا سپنا تھا
لیکن سب کچھ اپنا تھا

شیطان کا دعویٰ

’’میں تو ازل سے خوف کا قیدی ہوں
لیکن اپنے خوف میں کتنا ظالم بن جاتا ہوں میں
مجھ میں سب سے پہلے پانی کا ڈر اُترا
میں نے اپنی سوچ سے دریاؤں کو باندھا اور سمندر کو چیرا
جنگل کا سناٹا میرے اندر گونجا
میں نے خوف سے لدے ہوئے سارے شجر ہی کاٹ دئیے
اور آگ لگا دی جنگل کو
میں نے فلک کی جانب دیکھا ۔۔۔ہجرت کرتے ہوئے پرندوں کو
اڑتے رنگ برنگ پرندوں نے پھر میرے دھیان کو بانٹا
میں نے ایک دفعہ پھر سوچا
میری سوچ نے میرے پَر تخلیق کیے
میں نے کھلی فضا میں جا کر دیکھا
میری زمیں پر بسنے والے بے بس سادھو
مجھ کو کیڑے مکوڑے لگنے لگے
سارا سیٹ اپ، اپ سیٹ کر ڈالا میں نے
سارا کھلا علاقہ جو صدیوں اور قرنوں سے
ان آزاد پرندوں کی دنیا تھا ۔۔۔ اب میرا تھا
یہ قصہ پارینہ ہے
اب تو پرندے میری نظر میں چبھتے ہیں
اونچی پروازوں میں مجھ سے ٹکراتے ہیں
گرچہ مر جاتے ہیں ۔۔۔ لیکن پھر بھی !
ان کی تلفی میرا بنیادی حق ہے
میری راہ میں حائل ہونا سیدھی سیدھی دہشت گردی ہے
لیکن یہ نادان پرندے کب سمجھیں گے
میں چاہوں تو پوری دنیا
میرے ایک اشارے پر رکھی ہے
دیکھو دیکھو ۔۔۔ کون ہے یہ گستاخ جو یہ کہتا ہے
’’کبھی کبھی شیطان کا دعویٰ کتنا سچا لگنے لگتا ہے!‘‘

لہجے

ایک ہی لفظ سے زندہ ہوا میں
اور ایک ہی لفظ میں مارا گیا
میرے اندر ۔۔۔ میٹھا زہر اتارا گیا

سعد سمے کا سپنا

تم تو سچ مچ باراں کی صورت ہو
ہلکی ٹھنڈی نرم ترشح
روح کو سرشاری میں بھگوتی رم جھم
اور کبھی پھر بادِ تند کی ہمراہی میں
تیز چھناکے دار چھنا چھن بارش
تم اور بارش کتنے ملتے جلتے ہو
لیکن دونوں میں کچھ فرق ہے شاید
تم وہ بارش ہو جو میرے اندر گرتی ہے
اور سبھی کچھ جل تھل کر کے آنکھوں تک آ جاتی ہے
تم اور رات بھی شاید ایک ہی جیسے ہو
رات کہ جس میں
جگنو، چاند، ستارے اور محبت کے مارے جاگتے ہیں
رات کہ جس میں
لپٹی ہے تنہائی شہر کے میناروں سے
اور گھروں کے بام و در سے
لیکن کچھ کچھ فرق ہے تم میں اور اس میں
تم وہ رات ہو جس سے
میرے من میں غم اور یاس کے سورج ڈھلنے لگتے ہیں
اور اس دل میں آس امید کے دیپ سے جلنے لگتے ہیں
میرے جذبے اشکوں کی صورت پلکوں پہ مچلنے لگتے ہیں
اور اک انجانی سی خوشبو جیسے مشامِ جاں کو معطر کر دیتی ہے
تم بارش ہو یا اک رات ہو لیکن خود سے اوجھل ہو
باطن، ظاہر ۔۔۔ ظاہر، باطن کب ہوتا ہے ۔۔۔تم کیاجانو
تم تو سعد سمے کا سپنا ہو
اور اک ایسا احساس کہ جس میں اس سپنے کا ہر اک منظر اپنا ہو
تم ہو دھوپ اور سایہ،تم ہو قند اور زہر ،تم ہو پیار اور قہر
میری سوچ کے سارے خدوخال تمہارے جیسے ہیں
گزرے ہوئے اور آنے والے سارے ماہ و سال تمہارے جیسے ہیں
سچ پوچھو تو میرا سپنا جھوٹ کی حد تک سچا ہے
تم تو شاید میرے جیسے بھی ہو
لیکن کچھ کچھ فرق ہے تم میں اور مجھ میں ،میں کہ کہیں بھی نہیں ہوں
میں کہ تمہارے دل میں مکیں بھی نہیں ہوں
اور تمہارا یقیں بھی نہیں ہوں۔۔۔۔لیکن تم تو
میری جگہ ہو۔۔۔۔ میرے اندر باہر ہو
میری ہر اک بات سے ظاہر ہو
دیکھو باہر بارش بھی ہے اور مہکتی رات بھی ہے
دیکھو باہر میں بھی ہوں اور تمہاری ذات بھی ہے
جس کے باعث شاید ساری کائنات بھی ہے
تم تو سچ مچ سپنا ہو ۔۔۔۔سعد سمے کا سپنا ہو
کاش کہ تم بھی میرے ساتھ کہو
سعد! یہ سپنا سچا ہے ۔۔۔ اور سعد سمے کا سپنا ہے

Rude to Rain

کبھی تو تم بھی لکھو بارش کے بارے میں
تمہیں یہ بارش کیسی لگتی ہے
کہو تمہارے سیمیں پیکر کو چھُو کر بارش تم سے کیا کہتی ہے
کہو تمہارے لمس سے قطرہ قطرہ موتی بننا اس کو کیسا لگتا ہے
شاید بارش پر ابھی کھُلا نہیں ہے تمہارا سراپا
تم پتھر ہو، صحرا ہو یا پھر ایک سمندر ہو
ہنسنا، چپ رہنا یا رونا ۔۔۔ تینوں روپ تمہارے ہیں
یہ لمحے تخلیق کے لمحے تم پر اس پانی نے اتارے ہیں
کچھ تو لکھو
بارش تمہیں جلاتی ہے یا خود جل جاتی ہے
اپنی کوئی خواہش لکھو ۔۔۔ جو تمہیں رات جگاتی ہے
اور تمہاری ذات تمہاری آنکھوں میں، تارہ تارہ ٹوٹتی جاتی ہے
لکھو اپنی کوئی آس ۔۔۔ کہ جو تم کو تڑپاتی ہے
اور وہ مشکِ نافہ جو آنگن کو مہکاتی ہے
کچھ تو لکھو ۔۔۔ کیا یہ سب کچھ ممکن ہے
یا کہ تمہاری چھت پر ناچنے والی بارش
کارِ بے ثمری میں میری طرح ہے
تیری نخوت تیرا تکبر اس کو بھی بے بس کر دیتا ہے
اور وہ بے کل ہو کے تمہاری بالکنی سے ٹپ ٹپ روتی رہتی ہے

مری حیرت زدہ آنکھیں

یہ مجھ پر کیا قیامت کی گھڑی ہے
مری حیرت زدہ آنکھیں
پڑی ہیں آئنہ خانے کی چوکھٹ پر
ان آنکھوں میں عجب منظر پڑا ہے
مری وردی پہ دھبے ہیں لہو کے اور
ستارے میرے شانوں پر عجب انداز میں ٹوٹے پڑے ہیں
مرا سر ایک کاسے کی طرح سیدھا کسی کے سامنے رکھا ہوا ہے
مرے سینے پہ اک دو لخت نقشہ کس نے چسپاں کر دیا ہے
مرے ہونٹوں پہ جیسے جھوٹ کے الفاظ کندہ ہیں
مری اس ناک پر کتنے ہزیمت کے نشاں ہیں
سمجھ میں کچھ نہیں آتا
کہ یہ اک خواب ہے یا
اک حقیقت ہے! مرا منظر
مری حیرت زدہ آنکھیں
پڑی ہیں آئنہ خانے کی چوکھٹ پر

زیست کیا ہے

زیست کیا ہے! یہ کہاں جان سکا ہے کوئی
چار اطراف میں پھیلی ہوئی برقی تاریں
موت کے روپ میں یہ بھاگتی کاریں ہر سُو
میرے انفاس میں جلتا ہوا بارود کا زہر
زیست کیا ہے! مرا احساسِ زبوں حالی ہے
ایک خدشہ سا مرے دل میں کہیں جاگتا ہے
ایک جنبش میں زمیں مجھ کو جھٹک دے گی کہیں
کوئی کہسار نکالے گا دہن سے لاوا
برف پگھلی تو بہا دے گی مری بستی کو
دل کی دھڑکن میں بھی اک زلزلہ پوشیدہ ہے
زیست کیا ہے! یہ کہاں جان سکا ہے کوئی
ہاں مگر دور کہیں درد کے اس پس منظر میں
ایک امید بھی وابستہ ہے ہر لمحے سے
انہی کہساروں سے پھوٹے ہیں مرے چشمے بھی
اسی پانی سے توانائی ملی ہے مجھ کو
ہم کہ آغاز سے واقف ہیں نہ انجام سے ہی
جب بھی سوچو تو یہی ذہن میں آتا ہے فقط
’’شمع ہر رنگ میں جلتی ہے سحر ہونے تک‘‘
زیست کیا ہے! یہ کہاں جان سکا ہے کوئی

اُس کے لیے آخری نظم

غلط کہتے ہو تم ۔۔۔ بالکل غلط ۔۔۔ دیکھو!
تمہیں معلوم تھا سب کچھ
چلو ہم مان لیتے ہیں
تمہیں تعریف سے اپنی محبت تھی
تمہارا مرمریں پیکر مری توصیف کا مرہونِ منت تھا
چلو یہ مان لیتے ہیں
کوئی غفلت کی ساعت تھی
کہ جس میں پھول کانٹے سے ہوا زخمی
ہوا نے چھو کے میلا کر دیا مر مر
چلو ہم مان لیتے ہیں
کہ سورج جب نکلتا ہے تو برفیں بھی پگھلتی ہیں
چلو یہ مان لیتے ہیں
ہمارا ہر تعلق واجبی سا تھا
تمہاری دل لگی تھی یہ ۔۔۔مگر یہ دل لگی تو تھی !
اور اب تم اپنی رسوائی سے ڈرتے ہو
خود اپنی چال مرتے ہو
مگر دیکھو
تمہیں ہم بے بسی کے ساتھ یوں مرنے نہیں دیں گے
تمہیں اک آہ بھی بھرنے نہیں دیں گے
تمہارے لب پہ کوئی بھی شکایت اب نہیں ہوگی
خود اپنے ساتھ بھی اے جاں
رعایت اب نہیں ہوگی
چلو چھوڑو ۔۔۔ چلو اب بھول جاؤ تم

بلا عنوان

میں تمہاری سرد مہری پر
پریشاں ہوں نہ حیراں ہوں
یہ رویہ بھی تو اک موسم کی طرح اترا ہے تم پر
موسمِ سرما کی شدت چند لمحوں ہی کا وقفہ ہے
برف باری بھی تو اپنے حسن سے غافل نہیں
سات رنگوں سے تمہاری بے نیازی
دھوپ پڑتے ہی بدل دیتی ہے سب کچھ
اک سنہرے خواب کی صورت
دیکھنا تم بھی ۔۔۔ ابھی نکلے گا سورج بھی
اور اپنے لمس سے سب کچھ بدل ڈالے گا سونے میں
کوہساروں پر پڑی سب برف پگھلے گی
اور ندی نالوں میں پانی پتھروں سے دھن بنائے گا
سبز ہو جائے گی وادی بھی
دیکھ جاناں
غم تو سارے عارضی ہیں
ایک موسم کی طرح ہیں
لیکن اک موسم تو ایسا ہے
کہ سارے موسموں سے مختلف ہے
بس یہی بے نام سا موسم
کسی موسم کو خاطر میں نہیں لاتا

لو خاموش ہوا اب ایک سمندر

تم کو گر خاموش سمندر اچھا لگتا ہے
لو خاموش ہوا پھر ایک سمندر
دیکھو ۔۔۔ کتنا مشکل کام کیا ہے میں نے
ایک سمندر کو روکا ہے میں نے اپنے اندر
کتنے دریاؤں کا شور تھا اس میں
کتنے طوفانوں کا زور تھا اس میں
اس کی لہریں ۔۔۔ کیسے دھوم مچاتی پھرتی تھیں
اس کی موجیں ۔۔۔ کیسے ساحلوں سے ٹکراتی پھرتی تھیں
اس کے سینے سے کیسے کیسے بادل اٹھتے تھے
اس کی آنکھ میں کتنے موتی گرتے تھے
ایک سمندر
جو بل کھاتا
سخت چٹانوں سے ٹکراتا تھا
دیکھو ۔۔۔کیسے وہ خاموش ہوا ہے
دیکھو چندا ۔۔۔ اس کی بے چینی اور بے تابی تو تمہارے باعث تھی
دیکھو ۔۔۔ اب تم اس کے سامنے مت آنا

کتنی جھوٹی باتیں سچی ہوتی ہیں

حیرت ہے
وہ اک شاعر ہو کر
میرے تخیل سے ناواقف ہے
وہ کہتا ہے
میری ساری باتیں جھوٹی ہیں
وہ تو جھوٹ سے بھی ناواقف ہے
کتنی جھوٹی باتیں سچی ہوتی ہیں

مذاق

ہنسی ہنسی میں اسے میں نے یہ سوال کیا
’’جناب آپ کو مجھ پر بھی اعتماد نہیں!‘‘
لگایا قہقہہ اس نے اور اس کے بعد کہا
’’بس آپ پر ہی تو ہم کو یہ اعتماد نہیں‘‘
میں اس مذاق پہ ہنستا رہا کئی پہروں
کسے خبر تھی کہ سچ تھا مذاق کے پیچھے

یہ بھی ایک نظم ہے

سچ کہتا ہوں
بڑی رقم کی صورت
تم مجھ میں سے تفریق نہیں ہو سکتے
لیکن میں ایک چھوٹی رقم کی صورت
تم میں سے منہا ہو سکتا ہوں
دیکھو اس میں جھوٹ نہیں ہے
آؤ خود کو
مجھ میں سے تفریق کرو
کیا تم ایسا کر سکتے ہو ۔۔۔ نہیں نہیں
ہاں تم مجھ کو خود میں سے تفریق کرو تو جانو
کیا بچتا ہے!
کوئی لایعنی سا اک لفظ ہے یہ
فقط اشارہ
جس کی سمت بھی کوئی نہیں ہے

خوف

تاریکی سے روشنی نکلی
اور روشنی سے تاریکی
ایک تماشہ ختم ہوا
اب آگے حال خدا جانے

ہم ہیں اسیرِ خواہشِ رنگِ چمن تو کیا
ہے زخم زخم خار سے اپنا بدن تو کیا
ہم نے تو حرف حرف کھلائے گلِ خیال
پیشِ نظر تھا اپنے جو اس کا دہن تو کیا
حاصل حصول کچھ نہیں اے وقتِ بے کراں
کھلتا نہیں کسی پہ کہ ہم کو لگن ہے کیا
اک وسعتِ گمان بہ چشمِ ستارہ ساز
پیروں تلے زمین تو سر پر گگن ہے کیا

آنکھوں سے اپنے دل کا سمندر اتار کے
’’وہ جا رہا ہے کوئی شبِ غم گزار کے‘‘
لوحِ دلِ سیاہ پہ روشن ہیں جتنے لفظ
وہ نقش ہائے لب ہیں کسی گل عذار کے
احساسِ وصل یار نے ساکت کیا ہے وقت
آتے نہیں شمار میں لمحے خمار کے
یکسر جو بے نیاز ہیں شام و سحر سے بھی
وہ تو اسیر ہیں کسی رنگیں حصار کے

گلوں کو چھوتے ہوئے مشکبار گزری ہے
صبا بھی باغ سے بے اختیار گزری ہے
محبتوں نے دکھائے ہیں جاں گسل لمحے
’’تم آئے ہو نہ شبِ انتظار گزری ہے‘‘
سمندروں سے گزرتی ہے جیسے رَو کوئی
حیات اپنی یہاں بے کنار گزری ہے
خزاں کی رت میں بھی کھلتے رہے ہیں پھول کہیں
خزاں کی مثل کسی کی بہار گزاری ہے

متفرق اشعار

اس میں ترا قصور کیا تجھ سے تو کچھ گلہ نہیں
ہم ہی نے کام وہ کیا جس کا کوئی صلہ نہیں

تمہارا نام بھی لاتے نہیں ہیں ہونٹوں پر
کمالِ ضبط پہ ظالم ہمیں تو داد تو دے

اگرچہ دردِ محبت بھی جان لیوا ہے مگر بغیر محبت کے زندگی کیا ہے

کیا ہے یہ اپنی بود بھی اور اپنی ہست بھی
ہم کو تو ایک جیسی ہے، فتح و شکست بھی

اے مری جاں ترے حوالے سے میں مخاطب ہوں کائنات کے ساتھ

یہ کائناتِ وہم و گماں میرے دم سے ہے
کہنے کو میں ہوں چار عناصر کی بے بسی

کیا کریں وہ جنہیں قرار نہیں اور جذبوں پہ اختیار نہیں

سعدؔ ان کو معاف کر دینا جن کو خود سے بھی کوئی پیار نہیں

نہ دیانت نہ شرافت نہ صداقت سمجھا
میں تو بس یونہی عدالت کو عدالت سمجھا

جانے اس کیفیت کا نام ہے کیا وصل ہوتا تو ہجر کہتے اسے

اتنی خوشیاں مت دو مجھ کو مجھ کو خود سے ڈر لگتا ہے

٭٭٭
شاعر کمی اجازت اور تشکر کے ساتھ، عمران شناور کا شکریہ جنہوں نے فائل عطا کی۔
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل۔ اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

کتنی اداس شام ہے