دین و مذہب

کرسمس اور مسیح کی پیدائش پر

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (9,880 الفاظ)

کرسمس اور مسیح کی پیدائش پر

نیپولین ذکی (Napoleon Zaki)

اردو ترجمہ : فہیم قیصر

1 لوقا1باب26تا28آیت: حمل کا پیغام

مسیح کی پیدائش کے حوالے سے بائبل جو باتیں کہتی ہیں ان کا تجزیہ کرنے کا آغاز کرنے کے لئے، ہم لوقا کے پہلے باب پر جائیں گے۔ یہاں 5تا25آیت ہمیں ذکریا سے یوحنا بپتسمہ دینے والے کی پیدائش کی خوشخبری کے بارے میں، اور اس کی ماں الیشبع کا خود کو حمل کے بعد پانچ مہینے تک چھپائے رکھنے کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ پھر اگلی آیات ہمیں یہ بتاتی ہیں کہ یوحنا کے حمل میں لئے جانے کے چھ مہینوں میں کیا ہوا:

لوقا1باب26تا33آیت

’’چھٹے مہینے میں جبرائیل فرشتہ خدا کی طرف سے گلیل کے ایک شہر میں جس کا نام ناصرة تھا ایک کنواری کے پاس بھیجا گیا۔ جس کی منگنی داؤد کے گھرانے کے ایک مرد یوسف نام سے ہوئی تھی اور اس کنواری کا نام مریم تھا۔ اور فرشتے نے اس کے پاس اندر آ کر کہا سالم تجھ کو جس پر فضل ہوا ہے ! خداوند تیرے ساتھ ہے۔ وہ اس کلام سے بہت گھبرا گئی اور سوچنے لگی کہ یہ کیسا سلام ہے۔ فرشتے نے اس سے کہا کہ اے مریم! خوف نہ کر کیونکہ خدا کی طرف سے تجھ پر فضل ہوا ہے۔ اور دیکھ تو حاملہ ہو گی اور تیرے بیٹا ہو گا۔ اس کا نام یسوع رکھنا۔ وہ بزرگ ہو گا اور خدا تعالیٰ کا بیٹا کہلائے گا اور خداوند خدا اس کے باپ داؤد کا تخت اسے دے گا۔ اور وہ یعقوب کے گھرانے پر ابد تک بادشاہی رے گا اور اس کی بادشاہی کا آخر نہ ہو گا۔ ‘‘
درج بالا حوالہ کے مطابق، جبرائیل، خدا کے دو مقرب فرشتوں میں سے ایک(دوسرا میکائیل ہے )، ناصرة کے شہر میں مریم کو یہ پیغام دینے کے لئے بھیجا گیا کہ وہ یسوع کی ماں ہو گی۔ اس کے علاوہ، فرشتے نے یسوع کے متعلق چند دلچسپ باتیں بھی کیں۔ پس، اس نے کہا کہ یسوع عظیم ہو گا اور وہ ’’قادرِ مطلق کا بیٹا‘‘ یعنی خدا کا بیٹا کہلائے گا۔ اس نے یہ بھی کہا کہ خدا سے اس کے باپ داؤد کا تخت اسے دے گا۔ اس آخری بیان کے یقیناً دو معنی ہیں : پہلا یہ کہ یسوع داؤد کی نسل سے تھا اور دوسرا یہ کہ اسے داؤد کے تخت پر قانونی حق حاصل تھا یعنی کہ وہ داؤد بادشاہ کا قانونی تخت نشین تھا۔ ان بیانات کی حقیقت ان دو نسب ناموں کے باعث واضح کی گئی ہے جو متی1باب1تا 17 آیت اور لوقا3 باب23تا38آیت میں بیان کئے گئے ہیں۔ پہلا نسب نامہ یسو ع کے ظاہری باپ یوسف کا حوالہ دیتا ہے اور یہ بتاتا ہے وہ داؤد بادشاہ کی شاہی نسل سے براہِ راست پیدا ہوا۔ اس لئے قانونی نقطہ نظر سے [1]یسوع کے پاس داؤد کے تخت کا قانونی حق تھا۔ اس قانونی حق کے علاوہ، اور چونکہ یسوع یوسف کا اصل بیٹا نہ تھا، اسے داؤد کے گھرانے میں جسمانی حیثیت بھی چاہئے تھی۔ یہ اسے اس کی ماں مریم کی بدولت ملی۔ حقیقتاً، اس کا نسب نامہ جو لوقا3باب 23تا 38آیت میں بیان کیا گیا ہے ظاہر کرتا ہے کہ وہ داؤد کے گھرانے سے تھی۔ اس لئے دونوں جسمانی اور قانونی لحاظ سے، یسوع داؤد کے گھانے سے تھا اور اسے داؤد کے تخت پر قانونی حق حاصل تھا[2]۔
یہ تمام چیزیں اتفاقیہ نہیں تھیں۔ بلکہ، یہ مسیحا کے لئے تیار کردہ تھیں، چونکہ پرانے عہد نامہ کی پیشن گوئیوں کے مطابق موعودہ مسیحا ابراہیم کی نسل سے آنا تھا(دیکھیں پیدائش 21باب12آیت اور گلتیوں 3باب16آیت) اور داؤد کے گھانے سے آنا تھا( دیکھیں 132زبور، 11 آیت اور اعمال2باب29اور30آیت)۔ اس لئے، چونکہ یسوع ہی مسیحا تھا، وہ ابراہیم اور داؤد کی نسل کے علاوہ کہیں اور سے نہیں ہو سکتا تھا۔ اورایسا ہی تھا۔ متی 1باب1آیت بہت واضح طور پر بیان کرتی ہے :

متی1باب1آیت

’’یسوع مسیح ابنِ داؤد ابنِ ابراہام۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘

اس لئے یسوع مسیح کے نسب نامے تاریخی فہرستیں نہیں ہیں بلکہ ان میں اس بات کا ثبوت ہے کہ یسوع مسیحا ہے، مسیح، موعودہ ہے۔ اس کی بدولت خدا نے نہ صرف ابراہیم اور داؤد سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا (پیدائش 21 باب 12آیت، 132زبور 11آیت بلکہ ساری انسانی نسل سے کیا ہو اپنا وعدہ بھی پورا کیا (پیدائش3باب15آیت) کہ جو گناہ کے بعد اس واحد ہستی کے منتظر تھے جو اس ساری صورتِ حال کو ٹھیک کرے گا: مسیح کے منتظر تھے۔
فرشتے کے پیغام کی طرف آتے ہوئے، مریم کا ایک سوال تھا:

لوقا1باب34آیت

’’مریم نے اس سے کہا کہ یہ کیونکر ہو گا جب کہ میں مرد کو نہیں جانتی؟‘‘
یہ فقرہ کہ ’’میں مرد کو نہیں جانتی‘‘ ظاہر کرتا ہے کہ مریم نے کبھی کسی کے ساتھ ابھی تک جنسی تعلق نہیں رکھا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس کی یوسف کے ساتھ منگنی کے سوا کچھ بھی نہیں تھا، جبکہ اس کے ساتھ جنسی تعلق رکھنے کے لئے، شادی کرنا ضروری تھا۔ تاہم، تمام تر معاملات کی بجائے، مریم کے علاوہ اس بچے کے حمل کے لئے کسی دورے انسان کی مداخلت کی ضرورت نہیں تھی۔ بلکہ نیچے بیان کی گئی فرشتے کی وضاحت ظاہر کرتی ہے کہ، خدا باقی سب کچھ سنبھال لے گا۔

لوقا1باب35تا37آیت

’’اور فرشتے نے جواب میں اس سے کہا کہ روح القدس تجھ پر نازل ہو گا اور خدا تعالیٰ کی قدرت تجھ پر سایہ ڈالے گی اور اس سبب سے وہ مولودَ مقدس خدا کا بیٹا کہلائے گا۔ اور دیکھ تیری رشتہ دار کے بھی بڑھاپے میں بیٹا ہونا ہونے والا ہے اور اب اس کو جو بانجھ کہلاتی تھی چھٹا مہینہ ہے۔ کیونکہ جو قول خداوند کی طرف سے ہے وہ ہر گز بے تاثیر نہ ہو گا۔ ‘‘
فرشتے کی وضاحت کے مطابق، یہ بچہ قادرِ مطلق، یعنی خدا کے معجزانہ کام کے نتیجے سے حمل میں پڑے گا۔ اس لئے وہ خدا کا بیٹا یا قادرِ مطلق کا بیٹا کہلائے گا۔
وضاحت سننے کے بعد، مریم نے وہ سب قبول کیا جو فرشتے نے اس سے کہا تھا:

لوقا1باب38اور39آیت

’’مریم نے کہا کہ دیکھ میں خداوند کی بندی ہو۔ میرے لئے تیرے قول کے موافق ہو۔ تب فرشتہ اس کے پاس سے چلا گیا۔ ‘‘
مریم سے اس منصوبے کی تصدیق پانے کے بعد، فرشتہ اس کے پاس سے چلا گیا[3]۔

2. متی1باب18تا25آیت: یوسف کا ردِ عمل

یوسف کی منگیتر ہونا اور اس بچے کو جنم دینا جس یوسف کا نہیں مریم کے لئے بہت مشکل تھا، اور یوسف کی تنقیدی اہمیت کا ردِ عمل بھی۔ یہ ردِ عمل متی1باب18تا25اایت مین بیان کئے گئے ہیں اور یہی اس حصے کا موضوع ہیں۔ 18آیت سے شروع کرتے ہوئے ہم پڑھتے ہیں :

متی1باب18آیت

’’اب یسوع مسیح کی پیدائش اس طرح ہوئی کہ جب اس کی ماں مریم کی منگنی یوسف کے ساتھ ہو گئی تو ان کے اکٹھے ہونے سے پہلے وہ روح القدس کی قدرت سے حاملہ پائی گئی۔ ‘‘

اس حوالے کے شروع میں لفظ ’’اب‘‘ یونانی حرف عطف ’’de‘‘ ہے جس استعمال کیا جاتا ہے 1) ایک موضوع سے دوسرے موضوع کی طرف جانے کو ظاہر کرنے کے لئے۔ اس سلسلے میں اس کا ترجمہ ’’اور‘‘ یا ’’اب‘‘ ہونا چاہئے اور 2) پہلے جو کچھ ہوا اس کے درمیان اور جو کچھ اس کے بعد ہونے والا ہے اس کے درمیان امتیاز پیدا کرنے کے لئے۔ اس بعد والے معاملے میں، اس کا ترجمہ ’’لیکن‘‘ کے طور پر ہونا چاہئے۔ 2,870دفعہ یہ حرفِ عطف استعمال ہونے میں سے، کنگ جیمز ورژن(KJV)1,237دفعہ اس کا ترجمہ ’’لیکن‘‘ اور934 دفعہ اس کا ترجمہ ’’اور‘‘ کے طور پر استعمال کرتا ہے، جبکہ 300 دفعہ یہ اس کا ترجمہ بالکل نہیں کرتا۔ چاہے اس کا ترجمہ ’’اور‘‘، ’’لیکن‘‘ یا ’’اب‘‘ کیا گیا ہو یہ ایسا حرف ہے جو متن کے حوالے سے نظر آنا چاہئے۔ ہمارے اس سبق میں، اس کا ترجمہ ’’لیکن‘‘ ہونا چاہئے اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ اس انداز سے جیسے یسوع مسیح نے حمل لیا اس انداز سے امتیاز رکھتا ہے جو نسب نامہ میں اس سے پچھلی آیات میں پایا جاتا ہے (متی 1باب1تا17آیت)۔ درحقیقت، اگر چہ اس نسب نامہ میں ہم نے پڑھا : ’’ابراہیم سے اضحاق پیدا ہوا، اضحاق سے یعقوب پیدا ہوا۔ ۔ ۔ ‘‘ تاہم یسوع مسیح انسانی باپ سے پیدا نہیں ہوا۔ دیگر تمام لوگوں سے ہٹ کر، یسوع کا باپ خدا تھا، اور یہ حرف عطف یہ امتیاز پیدا کر کے اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہے۔ یہ سب واضح کرنے کے بعد، ہم اسی حوالہ میں جاری رکھتے ہیں جہاں ہم پڑھتے ہیں کہ یوسف اور مریم کے ’’ایک ہونے ‘‘ سے پہلے یعنی اس سے قبل کہ وہ جنسی تعلق رکھتے، مریم حاملہ پائی گئی۔ ایسے حالات میں مریم کی حالت بہت نازک تھی اور وہ یوسف کے ردِ عمل پر انحصار کرتی تھی۔ در حقیقت، اگر اس کی بنا پر، یسوع یہ فیصلہ کرتا کہ اپنے الفاظ سے ’’اسے بدنام کرتا‘‘(استثنا 22 باب14آیت)تو، شریعت کے مطابق، مریم کے لئے موت کی سزا ہوتی (استثنا 22 باب13تا21آیت)۔ اس کے باوجود، اس بعد والے معاملے میں بھی، مریم اور بچے کی حالت بہت مشکل ہوتی کیونکہ معاشرہ اسے باپ کے بنا پیدا ہونے والے بچے کی کبھی اجازت نہ دیتا۔ 19آیت ہمیں بتاتی ہے کہ یوسف کن دو انتخابات کا بارے میں سوچ رہا تھا:

متی1باب19آیت

’’پس اس کے شوہر یوسف نے جو راستباز تھا اور اسے بدنام نہیں کرنا چاہتا تھا اسے چپکے سے چھوڑ دینے کا ارادہ کیا۔ ‘‘
یوسف کو ایک شریف آدمی بیان کیا گیا ہے یعنی کہ شریعت کا ماننے والا۔ دو انتخابات میں سے جو اس نے شریعت سے سیکھے تھے وہ دوسرے کو اپنانے کا سوچ رہا تھا یعنی کہ، مریم کو چپکے سے چھوڑ دے۔ تاہم، اس نازک لمحے خدا نے مداخلت کی تا کہ مریم کو اور اس کے ساتھ ساتھ یسوع کو بچا سکے :

متی1باب20اور21آیت

’’وہ ان باتوں کو سوچ ہی رہا تھا کہ خدا کے فرشتے نے اسے خواب میں دکھائی دے کر کہا اے یوسف ابنِ داؤد ! تو اپنی بیوی مریم کو اپنے ہاں لے آنے سے نہ ڈر کیونکہ جو اس کے پیٹ میں ہے وہ روح القدس کی قدرت سے ہے۔ اس کے بیٹا ہو گا اور تو اس کا نام یسوع رکھنا کیونکہ وہی اپنے لوگوں کو ان کے گناہوں سے نجات دے گا۔ ‘‘
خدا نے اپنی مداخلت میں یوسف کو بتایا کہ مریم کا بچہ اس کا بیٹا تھا اور اسے حوصلہ دیا کہ وہ کام نہ کرے جو وہ کرنے کا سوچ رہا تھا۔ اس نے اسے وہ نام بھی بتایا جو اسے اس بچے کو دینا تھا۔ یہ دوسری بار ہے جہاں بچے کے نال کا ذکر کیا گیا ہے [4]۔ تاہم، اس بار کلام ہمیں بتاتا ہے کہ اس کی وجہ کہ وہ بچہ یسوع کہلائے گا یہ تھی کیونکہ وہ اپنے لوگوں کو ان کے گناہوں سے نجات دے گا۔ اس نام کے حوالے سے، یہ کہنا چاہئے کہ یہ نام خود منفرد نہیں کیونکہ یہ پہلی بار استعمال کیا گیا ہے۔ درحقیقت، یشوع، نان کا بیٹا(یشوع1باب1آیت) کا نام بھی بالکل یہی ہے گو کہ انگریزی ترجمہ اس کو مختلف انداز میں لکھتا ہے [5]۔ اس طرح لوقا3باب29آیت میں یشوع نامی شخص کے ساتھ ہوتا ہے۔ اس آدمی کا نام یونانی متن میں ’’Jesous‘‘ ہے جیسا کہ یسوع کا نام ہے۔ اس لئے اس نام کی اہمیت اس بات میں نہیں ہے کہ یہ پہلی بار استعمال ہونے والا نام ہے، کیونکہ ایسا نہیں تھا۔ بلکہ، اس کی اہمیت اس کے معنوں میں تھی جو عبرانی میں ہیں کہ:’’خداوند(یہوواہ)ہماری نجات ہے۔ ‘‘ حقیقتاً یسوع مسیح ہی تھا جس کی بدولت یہوواہ، لوگوں کو نجات دلائے گا اور ان کے گناہوں سے بچائے گا۔ اس نام کی یہی خاص اہمیت ہے۔ یوسف اور اس کے ردِ عمل کی طرف آتے ہوئے، 24اور25آیت ہمیں بتاتی ہے ں کہ خدا کی مداخلت نے اس کا ارادہ بدلہ یا نہیں :

متی1باب24آیت

’’پس یوسف نے نیند سے جاگ کر ویسا ہی کیا جیسا خداوند کے فرشتہ نے اسے حکم دیا تھا اور اپنی بیوی کو اپنے ہاں لے آیا۔ ‘‘
خدا کی مداخلت کے بعد، یوسف نے فیصلہ کیا کہ مریم کو نہ بھیجے۔ اس طرح خدا نے مریم اور اس کے بچے کو اس مشکل وقت میں بچایا۔ اس طرح خدا نے بہت زبردست انداز میں مریم کے لئے بغیر شوہر کے ایسے معاشرے میں بچے کو جنم دینے کا منصوبہ بنایا جہاں ایسی بات کو بالکل قبول نہ کیا جائے۔ یقیناً اس سب میں مریم اور یوسف کا کردار بہت اہم تھا۔ خدا نے جو کچھ کہا اس کو قبول کرنے کا حوصلہ ہمارے لئے ایک مثال ہے۔ گو کہ نسب نامے کے اعتبار سے وہ دونوں مسیحا کے لئے ایک کامل خاندان تھا، مگر ایسا نہیں ہوتا اگر ان دونوں میں سے کوئی ایک یا دونوں خدا کی بات ماننے سے انکار کرتے یا اسے قبول کرنے سے انکار کرتے۔ یہ سب دیکھنے کے بعد آیئے 25آیت پر جاتے ہیں :

متی1باب25آیت

’’اور (یوسف نے ) اس کو(مریم کو) نہ جانا جب تک کہ اس کے پہلوٹھا بیٹا نہ ہوا اور اس کا نام یسوع رکھا۔ ‘‘
اگرچہ یہ آیت یسوع کے بارے میں بہت سی نئی باتیں نہیں کہتی، مگر یہ مریم کے بارے میں بہت کچھ کہتی ہے۔ پس، گو کہ لاکھو ں لوگوں کے لئے مریم اپنی پوری زندگی کنواری رہی، خدا کا کلام ہمیں یہ بتاتا ہے کہ یوسف یسوع مسیح کے پیدا ہونے تک ’’اسے نہیں جانتا تھا‘‘ یعنی اس نے اس کے ساتھ جنسی تعلق نہ رکھا۔ یہ بیان واضح کرتا ہے کہ اس نے مسیح کی پیدائش کے بعد اسے ’’ جانا‘‘ یعنی اس کے ساتھ جنسی تعلق رکھا۔ یقیناً اس میں کوئی بھی چیز عمومی نہیں :یوسف اور مریم ایک شادی شدہ جوڑا تھے اور خدا کے کلام کے مطابق جنسی تعلق شادی کا حصہ ہے (1 کرنتھیوں 7 باب1تا5آیت)۔
اس بیان کے علاوہ، مریم کے خاص بیان کردہ کنوار پن کے خلاف ایک اور ثبوت یہ ہے کہ یسوع کو اس کا پہلوٹھا بیٹا کہا گیا ہے۔ اگر یسوع مریم کا صرف ایک ہی بیٹا ہوتا تو کیا اسے پہلوٹھا کہا جاتا؟یقیناً نہیں کیونکہ یہ خطاب ایک سے زیادہ بچوں کے درمیان کسی ایک کو پہلوٹھا قرار دیتا ہے۔ اس لئے مریم کے یوسف کے ساتھ شادی کے نتیجے میں یسوع کی پیدائش کے بعد اور بھی بچے تھے۔ در اصل، بائبل نہ صرف ہمیں یہ بتاتی ہے بلکہ ان بچوں کے نام بھی بتاتی ہے۔ اس سے متعلقہ حوالہ متی 13باب میں ہے جہاں ہم پڑھتے ہیں :

متی13باب54اور55آیت

’’اور (یسوع) اپنے وطن میں آ کر ان کے عبادت خانہ میں ان کو ایسی تعلیم دینے لگا کہ وہ حیران ہو کر کہنے لگے اس میں یہ حکمت اور معجزے کہاں سے آئے ؟ کیا یہ بڑھئی کا بیٹا نہیں ؟ اور اس کی ماں کا نام مریم اور اس کے بھائی یعقوب، یہوداہ اور یوسف اور شمعون نہیں ؟ اور کیا اس کی سب بہنیں ہمارے ہاں نہیں ؟۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
خدا کا کلام یسوع مسیح کے 4سوتیلے بھائیوں کا نام لیتا ہے اور ہمیں اس کی سوتیلی بہنوں کے بارے میں جمع کے صیغے میں بیان کرتا ہے۔ درج بالا سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ روایت جس کے مطابق مریم اپنی زندگی بھر کنواری رہی بائبل کی نہیں ہے اور اس لئے اسے رد کر دینا چاہئے۔

3. لوقا2باب1تا20آیت: پیدائش کی رات

مریم کو یسوع کی پیدائش کا پیغام اور اس پر اس کے شوہر یوسف کا ردِ عمل دیکھنے کے بعد، اگلی چیز جو ہم دیکھنے جا رہے ہیں وہ یہ ہے کہ پیدائش کیا ہوا۔ شروع کرنے کے لئے ہم لوقا کے دوسرے باب پر جائیں گے جہاں ہم 1تا3آیت میں پڑھتے ہیں :

لوقا2باب1تا3آیت

’’ان دنوں میں ایساہوا کہ قیصر اگستس کی طرف سے یہ حکم جاری ہوا کہ ساری دنیا کے لوگوں کے نام لکھے جائیں ۔ یہ پہلی اسم نویسی سوریہ کے حاکم کورینس کے عہد میں ہوئی۔ اور سب لوگ نام لکھوانے کے لئے اپنے اپنے شہر کو گئے۔ ‘‘
اس حوالے میں بہت سی تاریخی معلومات پوشیدہ ہے جو ہمیں اس سال اور سال کے اس وقت کے بارے میں بتاتی ہے جس یسوع مسیح پیدا ہوا۔ پہلی معلومات ’’ساری دنیا‘‘ یعنی رومیوں کے ماتحت دنیا کی اسم نویسی کے متعلق ہے۔ تاریخی ذرائع کے مطابق یہ اسم نویسی تقریباً3 قبل مسیح میں ہوئی تھی۔ اس کی وجہ کہ خدا کا کلام اس اسم نویسی کو ’’پہلی‘‘ اسم نویسی کہتا یہ ہے کہ ہم اسے دوسری اسم نویسی جو 6یا7بعد از مسیح میں ہوئی کے ساتھ الجھن کا شکار نہ ہو جائے۔ یسوع مسیح اس فرض کئے گئے سال سے قبل پیدا ہوا تھا یہ بھی اس حقیقت سے ظاہر ہوتا ہے جو متی2باب1آیت ہمیں بتاتی ہے کہ جب یسوع پیدا ہوا تو یہودیہ کا بادشاہ ہیرودیس تھا۔ دوبارہ، تاریخی ذرائع کے مطابق یہ بادشاہ غالباً 5قبل مسیح سے 1قبل مسیح کے درمیان فوت ہوا۔ اس لئے یہ واضح ہے کہ اگر یہ ذرائع درست ہیں، تو یقیناً یسوع مسیح 1قبل مسیح سے پہلے پیدا ہوا تھا۔ اور اگر اسم نویسی کا فرض کردہ سال بھی درست ہے تو وہ 3قبل مسیح میں پیدا ہوا تھا۔ اب سال کے اس وقت کے حوالے سے جب یسوع مسیح پیدا ہوا یہ ناقابلِ یقینی بات ہے کہ وہ 25دسمبر کو پیدا ہوا۔ یہ اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ اسم نویسی سردیوں کے درمیانی وقت میں نہیں کی جا سکتی تھی کیونکہ موسم کی صورتِ حال لوگوں کے لئے اپنے آبائی شہروں [6] میں جانے کے لے سفر میں مشکلات پیدا کر سکتی تھی۔ حتیٰ کہ ہمارے جدید تیز ترین ذرائع آمدورفت کے دور میں بھی مردم شماری اس وقت رکھی جاتی ہے جب موسمی حالات اس کے لئے مشکل کا باعث نہ بنیں۔ اس لئے، مسیح کی فرض کی جانے والی پیدائش 25دسمبر کو اور ساری دنیا کیااسم نویسی اس تاریخ میں نہیں ہو سکتی۔ اس کے ساتھ ساتھ چرواہوں کا کھیتوں میں گلے کی نگہبانی کرنے کے لئے موجود ہونے کی حقیقت جس کے بارے میں 8آیت بات کرتی ہے ایک اور اشارہ ہے کہ یسوع مسیح 25دسمبر کو پیدا نہیں ہوا تھا، کیونکہ موسم کے باعث، گلہ کبھی بھی اس وقت باہر کھیتوں میں نہیں ہو سکتا۔ جیسا کہ Adam Clark عمومی طور پر کہتا ہے :
’’کیونکہ یہ چرواہے اپنے گلے کو گھر نہیں لے کر گئے تھے، یہ ایک مضبوط بیان ہے کہ اکتوبر ابھی شروع نہیں ہوا تھا، اور یہ کہ، نتیجتاً، ہمارا خداوند 25دسمبر کو پیدا نہیں ہوا تھا، جب کوئی گلہ باہر نہیں ہوتا۔ ۔ ۔ اس بنیاد پر دسمبر میں ایسے کام ختم کر دئے جاتے ہیں ۔ ‘‘

(یہ حوالہ Woodrow: "Babylon Mystery Religion", Ralph Woodrow Evangelistic Association Inc., 1966, this printing 1992 p.141میں سے لیا گیا ہے ) ۔

درج بالا سے یہ ظاہر ہے کہ یہ بہت ناقابلِ یقینی بات ہے کہ یسوع مسیح 25دسمبر کو پیدا ہوا۔ تو پھر اس کی پیدائش اس تاریخ پر کیوں منائی جاتی ہے ؟ اس کی وجہ غیر قوموں کی وہ روایات ہیں جو انہی غیر قوموں نے مسیحت میں تبدیل ہوتے ہوئے متعارف کروائی تھیں۔ جیسے کہ J. Frazer کہتا ہے :
’’سب بڑا غیر قوموں کا مذہبی گروہ جس نے سارے رومہ اور یونان میں 25دسمبر کے جشن کی چھٹی کو فروغ دیا آفتاب پرست غیر قوم تھی۔ سردی کا یہ تہوار ’’میلاد‘‘ کہلاتا تھا۔ ’’سورج کا میلاد‘‘
(دیکھیں J. Frazer: "The Golden Bough", New York, Macmillan Co., 1935 p.471. The quotation is taken from R. Woodrow op.cit. p. 143)

حتیٰ کہ ’’The Catholic Encyclopaedia‘‘ جیسا محدود قسم کا ذریعہ بھی اس بات کو قبول کرتا ہے کہ یہی وہ لادین تہوار تھا جس نے 25دسمبر کو مسیح کی پیدائش کے دن کے طور پر منانے کا نظریہ پیدا کیا:
’’Natalis Invicti (ناقابل شکست سورج کی پیدائش)کا مشہور تہوار25دسمبر کو منایا جاتا تھا، اسی کا ہماری دسمبر کی اس تاریخ پر گہرا اثر ہے ‘‘
(دیکھیں The Catholic Encyclopaedia", New York, Robert Appleton Co., 1911, p.725. This quotation was taken from R. Woodrow, op. cit. p.143)

درج بالا سے [7]، یہ بات واضح ہے کہ 25دسمبر مسیح کی پیدائش کا دن نہیں ہے بلکہ غیر قوموں کے لئے سورج کی پیدائش کا دن ہے۔ جب یہ غیر قومیں مسیحت میں تبدیل ہوئے، وہ اپنی بے دین روایات بھی لے کر آئے۔ کلیسیاءنے ان روایات کا مقابلہ کرنے کی بجائے انہیں ’’مسیحت‘‘ میں شامل کرنا مناسب سمجھا۔ پس، ’’سورج دیوتا کی پیدائش‘‘ ’’خدا کے بیٹے کی پیدائش ‘‘ میں تبدیل ہو گئی۔ بد قسمتی سے یہ ان بے دین روایات میں سے ایک ہے جن کی پیروی بہت سے مسیحی آج بھی کر رہے ہیں۔
یقیناً ان سب کا مطلب یہ ہر گز نہیں ہے کہ ہمیں 25دسمبر کو یسوع مسیح کی پیدائش کا دن منانے کے خلاف بات کرنی چاہئے یا اس کے لئے اپنے گھر والوں سے جھگڑا شروع کرنا چاہئے۔ یسوع مسیح کی پیدائش کی تاریخ اس سے زیادہ اہم نہیں کہ وہ پیدا ہوا تھا۔ تاہم، ہمیں ان سب باتوں کو اپنے ذہن میں رکھنا چاہئے جو اس دوران ہوتی رہتی ہیں اور انسانی بنائی گئی روایات کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہئے۔ مسیح کی پیدائش کی تاریخ کے حوالے سے اس سفر کے بعد اب لوقا 2باب کو جاری رکھنا چاہئے۔ پس 1تا3 آیت ہمیں اسم نویسی کے حوالے سے تاریخی معلومات فراہم کرنے کے بعد، 4تا7آیت ہمیں بتاتی ہے کہ مریم اور یوسف نے کیا کیا:

لوقا2باب4تا7آیت

’’پس یوسف بھی گلیل کے شہر ناصرة سے داؤد کے شہر بیت الحم کو گیا جو یہودہ میں ہے۔ اس لئے کہ وہ داؤد کے گھرانے اور اولاد سے تھا۔ تاکہ اپنی منگیتر مریم کے ساتھ جو حاملہ تھی نام لکھوائے۔ جب وہ وہاں تھے تو دیکھو کہ اس کے وضع حمل کا وقت آ پہنچا۔ اور ا س کا پہلوٹھا بیٹا پیدا ہوا اور اس نے اس کو کپڑے میں لپیٹ کر چرنی میں رکھا کیونکہ ان کے واسطے سرائے میں جگہ نہ تھی۔ ‘‘
مسیح کی بیت الحم میں پیدائش اتفاقیہ نہیں ہے۔ پرانے عہد نامے (میکاہ 5 باب 2آیت) کے مطابق مسیح کی پیدائش بیت الحم میں ہونی تھی۔ خدا نے اتنی خوبصورتی سے حیران کن انداز میں چیزوں کو اس طرح ترتیب دیا کہ پیشن گوئی کو ممکن بنائے۔ یوسف اور مریم بیت الحم میں نہیں رہتے تھے۔ در حقیقت، بیت الحم ناصرة کے شہر سے بہت دور تھا[8] اور ایسی صورتحال (مریم حاملہ تھی) میں صرف اسم نویسی ہی ان کے لئے وہاں جانے کا بہترین حل ہوسکتی تھی۔ لیکن جب صحیح وقت آیا، یہ وجہ سامنے آئی اور دونوں، مریم اور یوس، کو وہاں جانا پڑا۔ اور وہاں یسوع کی پیدائش ہوئی اور خدا کا وعدہ پورا ہوا۔ وعدہ پورا کرنے کے لئے خدا نے انہیں اٹھا کر بیت الحم میں نہیں پہنچا دیا۔ ملکیت بنا نا خدا کا انداز نہیں ہے۔ بلکہ، جب کوئی کام اس کی مرضی سے ہوتا ہے، وہ صورتِ حال پیدا کرتا ہے تا کہ وہ کام پایۂ تکمیل کو پہنچ سکے۔ مگر آیئے جاری رکھتے ہیں :

لوقا2باب8تا14آیت

’’اسی علاقہ میں چرواہے تھے جو رات کو میدان میں رہ کر اپنے گلہ کی نگہبانی کر رہے تھے۔ اور خداوند کا فرشتہ ان کے پاس آ کھڑا ہوا[9] اور خداوند کا جلال ان کے چو گرد چمکا اور وہ نہایت ڈر گئے۔ مگر فرشتہ نے ان سے کہا کہ ڈرو مت دیکھو میں تمہیں بڑی خوشی کی بشارت دیتا ہوں جو ساری امت کے واسطے ہو گی۔ کہ آج داؤد کے شہر میں تمہارے لئے ایک منجی پیدا ہوا ہے یعنی مسیح خداوند۔ اور اس کا تمہارے لئے یہ نشان ہے کہ تم ایک بچہ کو کپڑے میں لپٹا اور چرنی میں پڑا ہوا پاؤ گے۔ اور یکایک اس فرشتہ کے ساتھ آسمانی لشکر کی ایک گروہ خدا کی حمد کرتی ہوئی اور یہ کہتی ہوئی ظاہر ہوئی کہ: عالمِ بالا پر خدا کی تمجید ہو اور زمین پر ان آدمیوں میں جن سے وہ راضی ہے صلح۔ ‘‘
اپنے بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری خدا نے جن کو سب سے پہلے دی وہ چرواہے تھے۔ اور کیا آپ جانتے ہیں کہ خدا نے انہیں یہ خبر کیوں دی اور ہیرودیس یا فریسیوں یا اس وقت کے حاکموں کو یہ خبر کیوں نہ دی؟ کیونکہ چرواہے اس پر ایمان رکھتے تھے۔ کیونکہ وہ ایمان لائے تھے کہ یہ بچہ مسیح ہے، جیسا کہ فرشتے نے انہیں بتایا تھا۔ آیت بیس ہمیں بتاتی ہے کہ، ’’اور چرواہے جیسا ان سے کہا گیا تھا ویسا ہی سب کچھ سن کر اور دیکھ کر خدا کی تمجید اور حمد کرتے ہوئے لوٹ گئے۔ ‘‘وہ ان سب باتوں پر ایمان رکھتے تھے جو خدا نے فرشتہ کی بدولت اس بچے کے بارے میں انہیں بتائی تھی اور اسی کی وجہ سے وہ بہت خوش تھے۔ ہیرودیس، اس کے ساتھ ساتھ اس وقت کے مذہبی لوگ، اس بات پر ایمان نہ لائے۔ انہوں نے اس بچے پر ظلم کیا اور اس کی آمد ان کے لئے صرف مشکلات پیدا کر سکتی تھی۔ اس لئے خدا نے اس بچے کی خبر ان کو نہ دی۔ حتیٰ کہ آج بھی: خدا ان لوگوں پر اپنے بیٹے کو ظاہر کرنے کو تیار ہے جن کے پاس اس پر ایمان لانے کے لئے دل ہے اور حقیقتاً ہر ایک روح جو خدا کے کلام کی پیاسی ہے وہ سیر کی جائے گی۔ دوسری جانب، وہ لوگ جو کلام کے دشمن ہیں، وہ لوگ جو کلام ناپسند کرتے ہیں، وہ اسے نہیں پا سکیں گے، خدا کے کلام کی زبردست خبر ان کو نہیں سنائی جائے گی یا اگر ان کو خبر دی جائے گی تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا، جیسا کہ یہ فریسیوں کے ساتھ ہوا۔ اس لئے ہمیں اپنے کان وہ سننے کے لئے کھلے رکھنے چاہئیں جو خدا چاہتا ہے بجائے کہ ہم خدا کے کلام کو اپنے ذہنوں کی مانند سمجھیں۔ اگر ہمارے کان کھلے ہیں تو خدا ہمیں ’’چرواہوں ‘‘ کے پاس بھیجے گا، ان لوگوں کے پاس جو خدا کے کلام کے بھوکے ہیں تا کہ وہ بھی سیر ہوں۔ اگر ہم اپنے کان کھلے نہ رکھیں اور اپنی حواس خمسہ کی بنیاد پر خدا کا کام کریں تو ہم یقیناً ہمارا خد اکے لئے ا ور ہمارے لئے قیمتی وقت ان ’’فریسیوں ‘‘ کے ساتھ ضائع کریں گے جو کلام کی خوراک سے نفرت رکھتے ہیں، جبکہ ’’چرواہے ‘‘ خوراک پانے کے لئے کسی کی تلاش میں رہتے ہیں۔ مگر آیئے یہ جاری رکھتے ہیں :

لوقا2باب15تا20آیت

’’جب فرشتے ان کے پاس سے آسمان پر چڑھ گئے تو ایسا ہوا کہ چرواہوں نے آپس میں کہا کہ آؤ ہم بیت الحم تک چلیں اور یہ بات جو ہوئی ہے اور جس کی خداوند نے ہمیں خبر دی ہے دیکھیں ۔ پس انہوں نے جلدی سے جا کر مریم اور یوسف کو دیکھا اور اس بچہ کو چرنی میں پڑا پایا۔ اور انہیں دیکھ کر وہ بات جو اس لڑکے کے حق میں کہی گئی تھی مشہور کی۔ اور سب سننے والوں نے ان باتوں پر کو ان چرواہوں نے ان سے کہیں تعجب کیا۔ مگر مریم ان سب باتوں کو اپنے دل میں رکھ کر ان پر غور کرتی رہی۔ اور چرواہے جیسا ان سے کہا گیا تھا ویسا ہی سب کچھ سن کر اور دیکھ کر خدا کی تمجید اور حمد کرتے ہوئے لوٹ گئے۔ ‘‘
چرواہے ایمان لائے اور وہ وہاں گئے اور یسوع کو کپڑے میں لپٹا اور چرنی میں پایا جیسا کہ فرشتہ نے ان سے کہا تھا۔ یہی وہ نقطہ ہے جہاں روایت بیان کرتی ہے کہ یہ ’’مجوسی‘‘ تھے، یہ بھی کہتی ہے کہ وہ تین تھے، وہ وہاں آئے تھے۔ آیا کہ یہ روایات درست ہیں یا غلط یہ ہم اگلے سبق میں دیکھیں گے۔

حوالے

[1] اس علاقے کی ریت رواج کے مطابق، یسوع مسیح کی معاشرے میں عزت کا دارومدار اس شخص کی تصدیق پر منحصر تھی جسے لوگ اس کا باپ سمجھتے تھے یعنی کہ یوسف کو

[2] مسیح یسوع کے نسب نامہ کے حوالے سے کوئی بھی چیز جاننے کے واسطے مزید مطالعہ کے لئے ہم مطالعہ کرنے والے کو ہمارے کالم ’’یسوع مسیح کا نسب نامہ‘‘ کا حوالہ دیں گے

[3] اس بات پر غور کرنا نہایت دلچسپ ہے کہ خدا کا کلام کہیں بھی یہ نہیں کہتا کہ فرشتہ نے مریم کو ۔ ۔ کوئی پھول پیش کئے یا فرشتہ کے پر تھے یا اس کے یا مریم کے یا کسی کے بھی سر کے گرد ایک دائرہ تھا ۔ یقیناً یہ انسانی تصور سے بڑھ کر اور کچھ نہیں ہے

[4] پہلی بار مریم کے حاملہ ہونے کی خبر پر کہا گیا تھا(لوقا1باب 31 آیت)

[5] یشوع یونانی لفظ ’’Iesous‘‘ کا عبرانی حصہ ہے۔ انگریزی ترجمہ نگار اسے پرانے عہد نامہ میں عبرانی سے اخذ کرتے ہیں اور نئے عہد نامہ میں یونانی سے اخذ کرتے ہیں۔ یہی فرق ہے۔ بائبل ک قدیم یونانی متن میں یشوع اور یسوع ایک ہی نام ہیں : Iesous، یسوع

[6] فلسطین کا موسم میرے ملک، یونان کے موسم سے زیادہ فرق نہیں ہے۔ پس اگر چہ سال کا گرم حصہ جنوبی یورپ سے زیادہ لمبا نہیں ہوتا، تاہم نومبر سے مارچ ان درجہ حرارتوں کے ساتھ جو اکثر منفی ہوتے ہیں کم سرد نہیں ہوتا

[7] مزید گواہی کے لئے مطالعہ کرنے والے کو Ralph Woodrow op. cit کے زبردست کام کا حوالہ دیا جاتا ہے

[8] نقشہ کے مطابق یہ 108کلو میٹر کے فاصلے پر ہے

[9] خدا کا فرشتہ چرواہوں کے ارد گرد ہوا میں نہیں اڑ رہا تھا بلکہ یہ ان کے ساتھ کھڑا تھا۔ اس کے ساتھ 13آیت میں چونکہ آسمانی فرشتوں کا لشکر اس ایک فرشتے کے ساتھ تھے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ بھی چرواہوں کے ساتھ کھڑے تھے۔ اگر اس سے ہم انسان کی اس سوچ کو فرق کریں جس کے مطابق فرشتوں کے پر، یا موسیقی کے آلات یا ان کے سروں کے گرد دائرے ہوتے ہیں، تو آپ کے سامنے ایک انوکھا منظر ہو گا

پچھلے سبق کا خاص موضوع ختم کرنے کے بعد ، میں نے وعدہ کیا تھا کہ ہم اِس موضوع میں مسیح کی پیدائش سے متعلقہ چند مزید چیزوں کا تجزیہ کرنا جاری رکھیں گے اِس سے ملاپ رکھنے والے حوالوں میں سے جِن لوقا 2 باب 21 تا 38 آیت مسیح کے ختنہ کرنے اور ہیکل میں نذر کئے جانے کے حوالے سے بات کرتی ہے، جب کہ متی 2 باب مجوسیوں کی آمد اور مصر کی طرف روانگی پر بات کرتا ہے۔ یہاں ، مطالعہ کرنے والے کو ختنوں اور ہیکل میں نذر کئے جانے سے متعلقہ حوالہ جات کا مطالعہ خود بخود کرنے کیلئے چھوڑتے ہوئے ہم اپنی توجہ متی 2 باب پر مرکوز کریں گے

1متی 2 باب:’’مجوسیوں ‘‘کی آمد اور مصر کی طرف روانگی

یہ حقیقت ہے کہ ہم نے ’’مجوسیوں ‘‘کی آمد کو مسیح کی پیدائش کی رات چرواہوں کی آمد کے ساتھ ہی نہیں پڑھا کیونکہ ہو سکتا ہے کہ اِس سے چند مطالعہ کرنے والے اُلجھن کا شکار ہو جاتے چونکہ روایات سکھاتی ہیں کہ یہ دونوں آمد ایک ہی وقت رونما ہوئیں تھیں ہم نے لوقا کی انجیل میں پہلے ہی چرواہوں کی آمد کا قصہ پڑھ لیا ہے، اور ہم نے دیکھا وہاں ’’مجوسیوں کی آمد ‘‘کا کوئی تذکرہ موجود نہیں تھا یہ جاننے کیلئے کہ آیا کہ ’’مجوسی ‘‘ اُس رات یسوع کو دیکھنے آئے تھے کہ نہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اُن کی آمد کے حوالے سے مزید باتیں جاننے کیلئے ہم متی 2 با ب کھولیں گے جہا ں 1 آیت سے شروع کرتے ہوئے ہم پڑھتے ہیں :

متی 2 باب1آیت

’’جب یسوع ہیرودیس کے زمانہ میں یہودیہ کے بیت الحم میں پیدا ہوا تو دیکھو کئی مجوسی پورب سے یروشلیم میں آئے۔ ‘‘

درج بالا حوالے کے مطابق ، مجوسی یروشلم میں یسوع مسیح کے پیدا ہونے کے بعد پہنچے اور چونکہ وہ یسوع کی پیدائش کے بعد وہاں پہنچے اور چونکہ وہ وہاں 2 باب تا 9 آیت میں ہونے والے واقعات تک رُکے رہے (وہ یروشلم پہنچے اور بچے کو تلاش کرنا شروع ہو گئے ، ہیرودیس اِس با ت پر پریشان تھا جو مجوسیوں نے اُس سے کہی ، اور اُس نے سردار کاہنوں اور فقیہوں کو بلا یا اور پوچھا کہ مسیح کہاں پیدا ہونا چاہیئے، ہیرودیس نے چپکے سے مجوسیوں کو بُلایا تاکہ اُن سے تحقیق کرے کہ اُنھیں وہ ستارہ کب دیکھا ہیرودیس نے مجوسیوں کو ہیکل بھیجا )یہ بات ظاہر ہے کہ وہ پیدائش کی رات بیت الحم میں نہیں تھے ، جب چرواہے وہاں موجودہ تھے جیسا کہ روایت ہمیں یہ سکھاتی ہے اس لئے اگر چہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ پیدائش کے کتنی دیر بعد مجوسیوں کی آمد ہوئی ، مگر ہم یقیناً یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ آمد پیدائش کی رات نہیں ہوئی بعد میں ، ہمارے پاس اِس کے بارے میں مزید بات کرنے کا موقع ہو گا۔

اب مجوسیوں اور اُن کی شناخت کے حوالے سے اِس کے متبادل لفظ ’’magi ‘‘زیادہ موزوں لفظ ہے کیونکہ یہ اُس یونانی لفظ کا جمع میں ترجمہ ہے جو متی 2 باب 1 آیت میں استعمال ہوا ہے یونانی لفظ ’’ magos ‘‘ہے اِ س لفظ کے معنی کے حوالے سے یہ لفظ مدیانیوں ، پا رسیوں اور بابلیوں کے درمیان ذہین آدمیوں اور کاہنوں کے فرقے کو شمار کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا ، جن کا علم زیادہ تر علم فلکیات اور اِفزونی تھا[1] l xx اِس لفظ کو انہی معنوں میں دانی ایل کی کتاب میں استعمال کرتی ہے (دانی ایل 1 باب 20 آیت ، 2 باب 2 ، 10 اور 27 آیت ، 4باب 7 آیت ، 5 باب 7 اور 11 آیت دیکھیں )پس جب مثال کے طور پر ، دانی ایل 5 باب 11 آیت کہتی ہے کہ دانی ایل کو ’’جادوگروں (lxx : ’’magoi ‘‘: ’’magos ‘‘کی جمع ) کا سردار ‘‘ بنایا گیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ اُسے ذہین آدمیوں کی ذات کا سردار بنایا گیا تھا اِس مطلب کے علاوہ ’’magos ‘‘لفظ کا استعمال ساحروں کے معنی میں بھی استعمال ہوا ہے (اعمال 13 باب 6 اور 8 آیت ، 8 باب 9 آیت[2]) ہمارے موضوع کے حوالے سے ، اب یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ جو مجوسی یسوع کو دیکھنے آئے تھے وہ پہلے حصّے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ درج ذیل حقائق سے ظاہر کیا جاتا ہے :

1وہ ’’مشرق‘‘ سے آئے تھے ، یعنی کہ ، اُس جگہ سے جہاں یہ ذہین آدمی رہتے تھے۔

2 وہ آسمان کو ماننے والے تھے ، جِس کا مطلب یہ ہے کہ وہ علم فلکیات پر عبور رکھتے تھے۔

3 وہ مسیح کو تلاش کرتے ہوئے آئے تھے (متی 2 باب 3 اور 4 آیت پر ہماری رائے دیکھیں )ایک جادوگر ، مثال کے طور پر الماس (اعمال 13 باب 11 آیت ) جو ، جیسا کہ کلا م کہتا ہے ’’شیطان کا بیٹا ‘‘ تھا (اعمال 13 باب 11 آیت ) ایسا کبھی نہیں کر سکتا تھا

4 وہ خُدا کی روح کے تابع تھے (متی 2 باب12 آیت دیکھیں ) خُدا نے اُن کے ساتھ کبھی بات نہیں کی ہو گی ، اگر وہ ساحر ہوتے ، یعنی کہ بدکار روحوں کو چلانے والے

مجوسیوں کی شناخت کی وضاحت پانے کے بعد اب ہم آگے بڑھتے ہیں :

متی2باب1اور2آیت

’’جب یسوع ہیرودیس کے زمانہ میں یہودیہ کے بیت الحم میں پیدا ہوا تو دیکھو کئی مجوسی پورب سے یروشلیم میں یہ کہتے ہوئے آئے کہ یہودیوں کا بادشاہ جو پیدا ہوا ہے وہ کہاں ہے ؟ کیونکہ پورب میں اس کا ستارہ دیکھ کر ہم اسے سجدہ کرنے آئے ہیں۔ ‘‘(یونانی زبان میں ’’proskyneo‘‘ : ’’اس کی تمجید کرنے ‘‘[3])

یروشلم میں آتے ہی مجوسیوں نے یہودیو ں کے بادشاہ کو تلا ش کرنا شروع کر دیا اُنھوں نے کہا کہ اُنھوں نے مشرق میں اُس کا ستارہ دیکھا اور اُسے سجدہ کرنے آئے ہیں تا ہم ، اُس بادشاہ کی پیدائش کی خبر نے ہیرودیس کو ناخوش کیا متی 2 باب 3 اور 4 آیت ہمیں بتاتی ہے :

متی2باب3اور4آیت

’’یہ سن کر ہیرودیس بادشاہ اور اس کے ساتھ یروشلیم کے سب لوگ گھبرا گئے۔ اور اس نے قوم کے سب سردواروں اور فقیہوں کو جمع کر کے پوچھا کہ مسیح کی پیدائش کہاں ہونی چاہئے ؟‘‘

یہ حقیقت کہ ہیرودیس نے اُس مقام کا تلا ش کرنا شروع کر دیا جہاں مسیح پیدا ہوا تھا ، یہ ظاہر کرتی ہے کہ مجوسی یہودیوں کے کسی عام بادشاہ کو تلاش نہیں کر رہے تھے بلکہ وہ اچھی طرح سے جانتے تھے کہ جِس کی پیدائش کا ستارہ اُنھوں نے دیکھا ہے وہ یہودیوں کا کوئی خاص بادشاہ ہے۔ یعنی ، مسیحا، مسیح اس کے واسطے وہ مشرق سے آئے تھے۔

متی2باب5اور6آیت

’’انہوں نے اس سے کہا کہ یہودیہ کے بیت الحم میں کیونکہ نبی کی معر فت یوں لکھا ہے کہ اے بیت الحم یہودہ کے علاقے تو یہوداہ کے حاکموں میں سے ہرگز سب سے چھوٹا نہیں۔ کیونکہ تجھ میں سے ایک سردار نکلے گا جو میری امت اسرائیل کی گلہ بانی کرے گا۔ ‘‘

سردار کا ہن اور فقہیہ فریسی یہ کہتے ہوئے درست تھے کہ بیت الحم مسیح کی پیدائش کی جگہ تھی کلا م کی معلومات کے وسیلہ سے ، ہیرودیس اچھی طرح سے جانتا تھا کہ مسیحا بیت الحم میں پید ا ہو ا تھا ، جو اس کی جگہ سے صرف چند میل کے فا صلے پر تھا تاہم یہ حقیقت تھی کہ ہیرودیس کے پاس کلام کا اچھا علم تھا ، مگر اِس کا مطلب یہ ہر گز نہیں کہ وہ اِس علم کو اچھی طرح سے استعمال کرتا تھا در حقیقت ، ہم یہ دیکھیں گے کہ وہ اِس علم کو مسیح کو تلاش کرنے اور قتل کرنے کی کو شش کیلئے استعمال کرتا ہے ، کیونکہ اُس کا بُرا اور بدکار دل یہ کہتا تھا کہ یہ پیدا ہونے والا بچہ اس کے تخت کیلئے ایک خطرہ ہے۔ اگرچہ ہیرودیس کا معاملہ اِس کے نتائج میں بہت پر شدید تھا ، مگر یہ ظاہر کرتا ہے کہ کلا م کا کم علم اچھے نتائج لانے کیلئے ناکافی ہے اِس کی وجہ یہ ہے کیونکہ اچھے نتائج کیلئے ایک نرم دل کی بھی ضرورت ہوتی ہے تاکہ اِس علم پر ایمانداری سے ایمان لایا جائے اور اُس پر عمل کیا جائے، دیگر الفاظ میں، کلام کیلئے اچھا پھل لانے کے واسطے کلام کا سرسری علم(’’میں بس کلام کو جانتا ہوں ‘‘) ’’قلبی علم‘‘ میں تبدیل ہونا چاہیئے (’’کلام کو جاننے کے بعد میں اِسے اپنے دِل میں رکھتا ہوں ، اور دماغ سے اس کی تجدید کرتا ہوں ‘‘ رومیو ں 12 باب 1 آیت ، افسیوں 4 باب17 تا 24 آیت ، کلسیوں 3 باب 1 تا 17 آیت) یہ کرنے کے بغیر ، ہو سکتا ہے کہ میں بہت سے ایسے حوالہ جات سے واقف ہوں جو کہتے ہیں کہ مجھے محبت رکھنی چاہیئے، مگر میں محبت نہیں کرتا میں دوسروں کو سکھاتا ہوں کہ دُشمنی نہ رکھو اور خود میں دُشمنی پالتا ہوں ! میں مسیح کے ایک بدن کی بات کرتا ہوں مگر جب عمل کی بات آتی ہے تو میں فلا ں فلاں جماعت کو ’’مسیح کا بدن ‘‘ مانتا ہوں اور باقی سب مسیحیوں کو مُجھ سے کمتر سمجھتا ہوں ! اِس طرح کی اور بہت سی مثالیں پا ئی جا سکتی ہیں جب کبھی ہم کلام کو اپنے دل میں نہیں رکھتے تو ہمارا علم ایک سرسری معلومات سے پڑھ کر کُچھ نہیں ہوتا پھل پیدا کرنے کیلئے اِس سرسری علم کو ابھی بھی قلبی علم میں تبدیل ہو نے کی ضرورت ہے۔

اِس گفتگو کے بعد آیئے ہمارے اصل موضوع پر واپس چلتے ہیں۔ ہیرودیس نے یہ جاننے کے بعد کہ یسوع کہاں ہے ، ہیرودیس نے مجوسیوں کو چپکے سے بُلایا اور تحقیق کی کہ وہ ستارہ کب دِکھائی دیا۔

متی2باب7آیت

’’اس پر ہیرودیس نے مجوسیوں کو چپکے سے بلا کر ان سے تحقیق کی ( یونانی لفظ: ’’akriboo‘‘ جس کا مطلب ہے ’’درست طور پر پوچھ تاچھ کرنا ‘‘) کہ وہ ستارہ کس وقت دکھائی دیا تھا۔ ‘‘

اس کی وجہ کہ ہیرودیس نے اُس وقت کی تحقیق کی جب ستارہ دِکھا ئی دیا ، کیونکہ اِس معلومات سے وہ یسوع کی عُمر کا اندازہ لگانا چاہتا تھا بعد میں ہم دیکھیں گے کہ اُس نے اس معلومات کو کیسے استعمال کیا

متی2باب8آیت

’’اور یہ کہہ کر انہیں بیت الحم کو بھیجا کہ جا کر اس بچے کی بابت ٹھیک ٹھیک دریافت کرو اور جب وہ ملے تو مجھے خبر دو تا کہ میں بھی آ کر اسے سجدہ کروں ‘‘

ہیرودیس نے مجوسیوں کو بیت الحم بھیجا اور کہا کہ اُسے اُن کی تلاش کا نتیجہ بتائیں جیسا کہ اُس نے کہا ، جاؤ اور اُسے سجدہ کرو ، تاہم ہم جلد ہی دیکھیں گے کہ وہ جھوٹ بول رہا تھا اور اصل میں وہ جاننا چاہتا تھا کہ وہ بچہ کہا ں ہے تاکہ وہ اُسے قتل کر سکے۔ ہیرودیس کے ساتھ اِس گفتگو کے بعد مجوسی بیت الحم کیلئے روانہ ہوئے۔

متی2باب9اور10آیت

’’وہ بادشاہ کی بات سن کر روانہ ہوئے اور دیکھو جو ستارہ انہوں نے پورب میں دیکھا تھا وہ ان کے آگے آگے چلا، یہاں تک کہ اس جگہ کے اوپر جا کر ٹھہر گیا جہاں وہ بچہ تھا۔ وہ ستارے کو دیکھ کر نہایت خوش ہوئے۔ ‘‘

جب یہ کہتا ہے کہ ’’ وہ ستارہ آیا اور اُس جگہ ٹھہر گیا جہاں وہ بچہ تھا‘‘ تو اِس کا یہ مطلب نہیں کہ گھر کی چھت سے ایک میٹر کے فاصلے پر ایک ستارہ تھا جہاں یسوع موجود تھا۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ یہ آسمان پر تھا اور اُس جگہ پر ٹھہر گیا جہاں یسوع تھا یعنی کہ بیت الحم سے اوپر اور یہاں کوئی اشارہ موجود نہیں ہے کہ مجوسیوں کے علاوہ کسی اور نے بھی اِس ستارے پر توجہ کی ہو اس ستارے کی اہمیت یقیناً اس کی روشنی یا بڑے ہونے پر نہیں ہے بلکہ اِس کے معنوں میں اہمیت ہے کہ یسوع، مسیحا پیدا ہوا ہے۔

متی2باب11آیت

’’اور اس گھر میں پہنچ کر بچے کو اس کی ماں مریم کے پاس دیکھا اور اس کے آگے گر کر سجدہ (’’اس کی تمجید کی3‘‘)کیا اور اپنے ڈبے کھول کر سونا اور لبان اور مر اس کو نذر کیا۔ ‘‘

اس حوالے میں بہت سی باتیں بیان کرنے والی ہیں سب سے پہلے ، اس حوالہ کے مطابق مجوسیوں نے یسوع کو چرنی میں نہیں پایا بلکہ ایک گھر میں پایا ، یعنی کہ ایسی جگہ جہاں وہ مریم اور یوسف با قاعدہ اور اچھی زندگی گزار رہے تھے بے شک ، یہ یسوع مسیح کی پیدائش کی رات نہیں بلکہ ’’یسوع کی پیدائش کے بعد‘‘ کا وقت تھا (متی 2 باب1 آیت) اس سب سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ یسوع کی پیدائش کے بعد ، یوسف اور مریم بیت الحم میں کسی گھر میں رہتے تھے

ایک اور بات جس کی نشاندہی کرنا ضروری ہے وہ یہ کہ گو کہ بائبل بیان کر تی ہے کہ مجوسی تین قسم کے تحفے لائے : سُونا، لبان ، اور مُر، یہ کہیں نہیں کہا گیا کہ مجوسی بھی تین تھے بائبل یہ ضرور کہتی ہے کہ وہ جمع کی تعداد میں تھے جس کا مطلب یقیناً یہ ہے کہ وہ ایک سے زیادہ تھے کتنے تھے ہم یہ نہیں جانتے کیونکہ بائبل یہ نہیں بتاتی شاید وہ دو یا تین سے زیادہ تھے کیونکہ اُن دِنوں میں ایسے لمبے سفر بڑے بڑے قافلوں میں حفاظت کے باعث طے کئے جاتے تھے۔

یسوع کو ملنے کے بعد مجوسی اپنے ملک کو جانے کیلئے تیار تھے تاہم اُنھوں نے ہیرودیس سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اُس کے پاس واپس آئیں گے اور اُسے اپنی کھوج کا نتیجہ بیان کریں گے پھر مجوسیوں کی معلومات پر وہ اپنی فوج بچے کو قتل کرنے کیلئے بھیجے گا مگر اِس نازک موقع پر خُدا حاضر ہوا:

متی2باب12آیت

’’اور ہیرودیس کے پاس پھر نہ جانے کی ہدایت خواب میں پا کر دوسری راہ سے اپنے ملک کو روانہ ہوئے۔ ‘‘

خدا حاضر ہوا اور مجوسیوں سے کہ ہیرودیس کے پاس واپس نہ جاؤ بلکہ کسی اور راہ کو چلے جاؤ۔ اس کے علاوہ، یہ جانتے ہوئے کہ مجوسیوں سے دھوکہ کھانے کے بعد ہیرودیس کیا کرے گا، خدا نے یوسف کو بھی خبردار کر دیا:

متی2باب13آیت

’’جب وہ روانہ ہو گئے تو دیکھو خداوند کے فرشتہ نے یوسف کو خواب میں دکھائی دے کر کہا اٹھ بچے اور اس کی ماں کو لے کر مصر کو بھاگ جا اور جب تک میں تجھ سے نہ کہوں وہیں رہنا کیونکہ ہیرودیس اس بچے کو تلاش کرنے کو ہے تا کہ اسے ہلاک کرے۔ ‘‘

دیکھیں خدا کتنے زبردست انداز سے یسوع کو ہیرودیس کے خطرے سے بچایا اور اس کے ساتھ ساتھ اُس کے خطرناک ارادوں سے بچایا جو ہیرودیس کے پے چھے کام کر رہا تھا ، یعنی کہ شیطان اُس نے پہلے مجوسیوں سے ، کہا کہ ہیرودیس کے پاس واپس نہ جائیں یہ ضروری تھا کیونکہ بیت الحم یروشلم سے صرف 6 میل دور تھا ، اس لئے اگر مجوسی ہیرودیس کے پاس جاتے تو یوسف ، مریم اور یسوع کے پاس بیت الحم چھوڑ جانے کا وقت نہ ہوتا پھر ، مجوسیوں کو ہیرودیس کے پاس جانے سے خبردار کرنے کے بعد ، اُس نے یوسف سے کہا کہ مریم اور یسوع کو مصر لے جا۔ تاکہ جب ہیرودیس کو پتہ چلے کہ مجوسی اُس کے پاس واپس نہیں آئیں گے تو یسوع بھی اُس کی پہنچ سے بہت دور چلا جائے گا حقیقتاً کیسا زبردست ، پیار کرنے والا ، اور حفاظت کرنے والا خدا ہے وہ ، اگر ہم اُس کو تلاش کریں تو ہم یہ جانیں گے کہ وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہے۔ ایسی کوئی صورت ِ حال نہیں ہے جِس سے خدا ہمیں بچا نہ سکے جیسے رومیوں 8 باب 5 3 اور 37 آیت کہتی ہے : ’’کون ہم کو مسیح کی محبت سے جُدا کرے گا؟ مصیبت یا تنگی ، یا ظلم یا کل یا ننگا پن یا خطرہ یا تلوار؟ مگر اِن سب حالتوں میں اُس کے وسیلہ سے جِس نے ہم سے محبت کی ہم کو فتح سے بھی بڑھ کر غلبہ حاصل ہوتا ہے۔ ‘‘ شیطان کی چال سے بچنے کیلئے مریم ، یوسف اور یسوع کو مصر روانہ ہونے کی ضرورت تھی یقیناً یہ بہت بہتر ہوتا اگر کوئی خطرہ نہ ہو تا اور وہ مصر کی طرف جانے کی مشکلات سے دو چا ر ہوئے بنا اپنے گھر میں آرام سے رہتے تاہم یہ حقیقت ہے کہ ہمارا ایک دُشمن ہے اور نتیجتاًاُس کا خطرہ ہے اس حقیقت پر بحث کرنے یا اِس کو نظر انداز کرنے کی بجائے ہمیں اِس کو جاننا ہے اور اِس دُشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے خدا کے ہتھیار باندھ لینے ہیں ( افسیوں 6 باب 10 تا 17 آیت ) اور بائبل میں دی گئی اور روح کی بدولت حاصل ہونے والی خدا کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیئے یوسف نے بھی یہی کیا :

متی2باب14اور15آیت

’’پس وہ اٹھا اور رات کے وقت بچے اور اس کی ماں کو ساتھ لے کر مصر کو روانہ ہو گیا۔ اور ہیرودیس کے مرنے تک وہیں رہا تا کہ جو خداوند نے نبی کی معرفت کہا تھا وہ پورا ہو کہ مصر میں سے میں اپنے بیٹے کو بلایا۔ ‘‘

یوسف نے فرمانبرداری کا انتخاب کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ اُسے مختصر وقت میں ایک جگہ سے دوسرے ملک میں ہجرت کرنا تھی تاہم تصور کریں کہ کیا ہوتا اگر وہ حکم ماننے سے انکار کر دیتا ہیرودیس بیت الحم کو اپنی فوج روانہ کرتا تاکہ یوسف ، مریم اور یسوع کو گرفتار کر لیں ذاتی طور پر میں مانتا ہوں کہ اگر یوسف یا مجوسی خدا کی تابعداری کرنے سے انکار کر بھی دیتے وہ یسوع کو بچانے کا کوئی اور وسیلہ تلاش کر لیتا ، تاہم یقینی بات یہ ہے کہ ساری صورتِ حال مزید مشکل اور مشکل تر ہوتی جاتی ، یقیناً بہتر یہ ہے کہ اِس پھندے پر شروع میں قابو پا لیا جائے بجائے اِس کے کہ گرفتار ہو کر بچاؤ کا حل نکلا جائے۔

درج بلا حوالہ صرف ایک نہیں ہے جہاں ہم یوسف کو خدا کی پیروی کرتے دیکھتے ہیں۔ متی 1 باب 20 تا 24 آیت، 2 باب20 اور 21 آیت ، 2 باب22 آیت یہ تمام حوالہ جات ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ وہ ایماندار شخص تھا اور ہمیشہ وہ کام کرنے کو تیار رہتا تھا جو چاہتا تھا کہ وہ کرے ، یہ اتفاقیہ بات نہیں تھی کہ مریم نے جو یسوع کی ماں ہے۔ اس شخص سے شادی کی اور نہ ہی اس کی وجہ وہ نسب نامہ ہے جِس کے بارے میں ہم نے پچھلے سبق میں پڑھا اِن وجوہات کے ساتھ ساتھ یو سف یسوع کی تربیت اور پرورش کرنے کیلئے بہترین شخص تھا۔

یوسف سے متعلق اِس گفتگو کے بعد آئیے اپنے موضوع کی طرف واپس لوٹتے ہیں پس خدا سے ہدایت پا کر ، یوسف نے مریم اور یسوع کو لیا اور مصر کو روانہ ہو گیا اب جب ہیرودیس کو خبر ہوئی کہ مجوسیوں نے اُسے دھوکہ دیا تو اُس شدید رد عمل کا ظہار کیا

متی2باب16تا18آیت

’’جب ہیرودیس نے دیکھا کہ مجوسیوں نے میرے ساتھ ہنسی تو نہایت غصہ ہوا اور آدمی بھیج کر بیت الحم اور اس کی سب سرحدوں کے اندر ان سب لڑکوں کو قتل کروا دیا جو دو دو برس یا اس سے چھوٹے تھے۔ اس وقت کے حساب سے جو اس نے مجوسیوں سے تحقیق کی تھی۔ اس وقت وہ بات پوری ہوئی جو یرمیاہ نبی کی معرفت کہی گئی تھی کہ: رامہ میں آواز سنائی دی۔ رونا اور بڑا ماتم۔ راخل اپنے بچوں کو رو رہی ہے اور تسلی قبول نہیں کرتی اس لئے کہ وہ نہیں ہیں۔ ‘‘

اس بات پر غور کرنا اہم ہے کہ درج بالا حوالہ کے مطابق، ہیرودیس نے عمر کی حد دو سال یا اس سے بھی کم رکھی، ’’اس وقت کے مطابق جس کی تحقیق اس نے مجوسیوں سے کی۔ ‘‘ جیسا کہ ہم 17آیت سے یاد کر سکتے ہیں، ہیرودیس نے مجوسیوں سے تحقیق کی کہ وہ ستارہ کس وقت دکھائی دیا اور اسی سے وہ یسوع کی عمر جان پایا تھا۔ پس اگر یسوع تب پیدا ہوا جب’ ’مشر ق میں اس کا ستارہ دکھائی دیا‘‘، تو یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ جب مجوسی اس کے پاس آئے تو بیت الحم کا قتلِ عام شروع ہوا، وہ یقیناً دو برس کا ہو گا اگر چہ وہ اس سے چھوٹا بھی نہیں ہو سکتا[4]۔

بیت الحم میں قتلِ عام کے بعد، ہیرودیس جب مر گیا تو خدا نے یوسف سے واپس اسرائیل جانے کو کہا:

متی2باب19تا22آیت

’’جب ہیرودیس مر گیا تو دیکھو خداوند کے فرشتہ نے مصر میں یوسف کو خواب میں دکھائی دے کر کہا کہ۔ اٹھ اس بچے اور اس کی ماں کو لیکر اسرائیل کے ملک میں چلا جا کیونکہ جو بچے کی جان کے خواہاں تھے وہ مر گئے۔ پس وہ اٹھا اور بچے اور اس کی ماں کو ساتھ لے کر اسرائیل کے ملک میں آگیا۔ مگر جب سنا کہ ارخلاؤس اپنے باپ ہیرودیس کی جگہ یہودیہ میں بادشاہی کرتا ہے تو وہاں جانے سے ڈرا اور خواب میں ہدایت پا کر گلیل کے علاقہ کو روانہ ہو گیا۔ ‘‘

خدا سے واپس اسرائیل جانے کا حکم پا کر یوسف نے مریم اور یسوع کو لیا اور واپس اپنے ملک کو آگیا۔ شروع میں ، وہ یہودیہ میں اپنے خاندان کے ساتھ آباد ہونے کا فیصلہ کر رہا تھا۔ شاید وہ دوبارہ بیت الحم میں رہنے کا منصوبہ بنا رہا تھا ، وہ جگہ جہاں وہ یسوع کی پیدائش کے بعد رہتے تھے اور جہاں سے وہ مصر کو بھاگے تھے۔ تاہم ، جب اُس نے سنا کہ ہیرودیس کا بیٹا یہودہ کا بادشاہ اور کلاؤس ہے تو وہ وہاں جانے سے ڈرا ، اور خُدا سے خبرداری پا کر وہ گلیل کے جنوب میں جا بسا۔ آخرکار وہ ناصرة کے شہر میں جا بسا جہاں بیت الحم جانے سے پہلے وہ مریم کے ساتھ رہتا تھا۔ (لوقا 2باب 4اور 5آیت):

متی2باب23آیت[5]

’’اور ناصرة نام ایک شہر میں جا بسا تا کہ جو نبیوں کی معرفت کہا گیا تھا وہ پرا ہو کہ وہ ناصری کہلائے گا۔ ‘‘

درج بالاسے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یسوع کے بیت الحم میں پیدا ہونے کے بعد ، یوسف اور اُس کا خاندان وہاں مجوسیوں کی آمد تک ٹھہرے۔ اُنھوں نے تقریباً مجوسیوں کی واپسی کے فوراً بعد بیت الحم چھوڑ دیا، اور ہیرودیس کے ناپاک ارادوں سے بچنے کیلئے مصر کو روانہ ہو گئے۔ جب وہ مرگیا تو وہ اسرائیل واپس آ گئے۔ پہلے اُن کا منصوبہ یہودیہ میں آباد ہونے کا تھا ، مگر خدا سے ہدایت پانے کے بعد ، وہ گلیل کو چلے گئے اور آخرکار ناصرة میں جابسے۔

2لوقا 2باب 39آیت:

درج بالا سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مریم ، یوسف اور یسوع مصر میں پہلے روانہ ہونے کے بعد ناصرة میں آباد ہو گئے ، اور یہ تب ہوا جب یسوع دو سال سے زیادہ کم عمر کا نہیں تھا۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ، آیئے اب لوقا2باب39آیت پر غور کریں :

لوقا2باب39آیت

’’اور جب وہ خدا وند کی شریعت کے مطابق سب کچھ کر چکے (یونانی لفظ ’’teleo‘‘ جس کے معنی ’’ختم کرنا‘‘[6]ہے۔ ) تو گلیل میں اپنے شہر ناصرة کو پھر گئے۔ ‘‘

یہ حقیقت کہ یہ آیت یسوع مسیح کے ہیکل میں نذر کئے جانے کے واقعہ کے بعد (لوقا2باب21تا38آیت) ، یعنی مسیح کی پیدائش کے اکتالیس دن بعد[7] ، آتی ہے شاید چند لوگوں کو اُلجھن میں ڈال دے اِس کی وجہ یہ ہے کہ اگر ہم اِس حوالے کو جو لوقا میں بیان ہے اُس حوالے سے الگ دیکھیں جو متی بیان کرتی ہے، تو ہم یہ نتیجہ اخذ کریں گے کہ لوقا کی انجیل کہتی ہے کہ یسوع ، یوسف اور مریم ہیکل میں نذر کئے جانے کے فوراً بعد (پیدائش کے اکتالیس دن بعد) ناصرۃکو لوٹے تھے ، جب کہ متی کی انجیل کہتی ہے کہ وہ مصر میں واپس آنے کے بعد لوٹے (پیدائش کے کئی مہینوں بعد) تاہم ، اِس قسم کا نتیجہ درست نہیں مانا جا سکتا کیونکہ یہ بائبل مطالعہ کے پہلے اصول کو رد کرتا ہے۔ اس اصول کے مطابق درست نتائج پر پہنچنے کیلئے اسی واقعہ سے متعلق تمام تد حوالہ جات کو مد نظر رکھنا چاہیئے۔ اگر ہم ایسا کرتے ہیں ، ہم دیکھیں گے کہ متی 2 باب کو ہیکل میں نذر کئے جا نے کے ساتھ بھی رکھا جا سکتا (لوقا 2 باب21 تا 38 آیت) اور اِس کے ساتھ ساتھ ناصرة کو واپسی کے ساتھ بھی نہیں ملایا جا سکتا (2 باب 39 آیت)

خدا لوقا 2باب 39 آیت میں ان تمام باتوں کی کاملیت کو یہ بتاتے ہوئے مختصراً بیان کرتا ہے۔ کہ جب مریم یوسف اور یسوع سب کچھ پورا کر چکے تو کیا ہوا یعنی، ’’جب وہ خداوند کی شریعت کے مطابق سب کچھ کر چکے ‘‘ ’’شریعت کے مطابق سب کچھ[8] ‘‘ میں دونوں قانونی کا م (لوقا 2 باب21 تا 38 آیت ) اور یقیناً متی میں بیان کی گئی تمام پیشن گو ئیوں کی کاملیت شامل ہے۔ (متی 2 باب 15 آیت ، 2 باب17 آیت ، 2باب 23 آیت ) لوقا 2 باب39 آیت یہ نہیں بتاتی کہ ہیکل میں نذر کئے جانے کے بعد کیا ہوا ، بلکہ اُن سب باتوں کے بعد جو یسوع مسیح کی عمر کے اِس حصے کے بارے میں کلام بتاتا ہے پوری ہو گئی ، ان سب باتوں کے پورا ہو جانے کے بعد یوسف ، مریم اور یسوع ناصرة کو واپس آئے ( لوقا 2 باب 39 آیت ، متی 2 باب 23 آیت )

3 نتیجہ

درج بالا سب کچھ کے بعد ہم اِس صورت ِ حال میں ہیں کہ یسوع مسیح کی پیدائش کے حوالے سے تمام واقعات کا خلاصہ بیان کر سکیں :

1یسوع یہودہ کے بیت الحم میں پیدا ہوا(متی 2 باب 1 آیت )

2پیدائش کی رات چراوہے اُس سے ملنے آئے ( لوقا 2 باب8 تا 18 آیت) پیدائش کے بعد وہ خاندان بیت الحم میں ٹھہرا اور ایک گھر میں جگہ لے لی

3 پیدائش کے 8 دِن بعد یسوع کا ختنہ ہو ا ( لوقا 2 باب21 آیت)

4 پیدائش کے 41 دن بعد ، یسوع کو خداوند کے حضور ہیکل میں نذر کیا گیا یہاں مریم کی طہارت کے لئے قانونی کا م پورے کئے گئے۔

5مجوسی یروشلم میں ’’اُس کا ستارہ دیکھنے کے بعد آئے (متی 2 باب2 آیت ) وہ یروشلم میں ہیرودیس سے ملے جس نے اُس وقت کی تحقیق کی جب وہ ستارہ انہیں دِکھا ئی دیا ( متی 2 باب 7 آیت) اس سے اُس نے بچے کی عمر کا اندازہ لگایا تاکہ اُن بچوں کو قتل کروانے کیلئے عمر کی حد مقرر کر سکے (متی 2 باب16 آیت ) کیونکہ یہ عمر دو سال اور اِس سے کم تھی ، تو یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ جب مجوسی یسوع کے پاس آئے تو وہ دوسال سے زیادہ عمر کا نہیں تھا گو کہ اِس سے کم عمر کا بھی نہیں ہو گا :

6 خدا یوسف کو مصر لوٹ جانے کو کہتا ہے (متی 2 باب13 آیت) ہوسیع11 باب1 آیت کی پیشن گوئی پوری ہوئی۔

7بیت الحم کے ضلع میں دو سال اور اِس سے کم عمر کے بچوں کو قتل کروا دیتا ہے ( متی 2 باب16 آیت ) یرمیا ہ 31 باب 51 کی پیشن گوئی پوری ہوئی

8 ہیرودیس مر جاتا ہے، اور یوسف واپس مصر میں آجاتا ہے۔ خُدا کا کلام یسوع کی زندگی کے اس حصّے کے متعلق جو کچھ کہتا ہے وہ سب خُدا کی شریعت کے مطابق پورا کرنے کے بعد یسوع ، یوسف اور مریم واپس ناصرة کو لوٹ آتے ہیں (متی2باب23آیت، لوقا2باب39آیت)۔

حوالے

[1] دیکھیں : E.W. Bullinger: "A Critical Lexicon and Concordance to the English and Greek New Testament", Zondervan Publishing House, MI 49530, USA, p. 887., D. Dimitrakou: "The Great Lexicon of the Greek Language", Domi Publishers, Athens, 1964, p. 4,428. and J. M. Freeman: "Manners and Customs of the Bible", Logos International, 1972, pp. 330-332۔

[2] اعمال8باب9آیت میں یہ لفظ اسم کی صورت میں سامنے آتا ہے (’’mageia‘‘=جادو گر)

[3] اس لفظ کی رسمی تعریف ہے ’’ کسی شخص کے آگے سر جھکاتے یا گھٹنے ٹیکتے ہوئے عزت دینا یا اس کا احترام کرنا‘‘(دیکھیں : E.W.Bullinger, op.cit., p.903)۔ LXXمیں یہ 172بار استعمال ہوا ہے جن میں سے 148بار اس کا ترجمہ عبرانی لفظ ’’shachah‘‘ کے طور پر کیا گیا جس کا مطلب ہے ’’خود کو جھکانا‘‘(Young's Concordance to the Bible, p.1074) اور 11بار اس کا ترجمہ ’’segad‘‘ کے طار پر ہوا جس کا مطلب بھی ’’جھکانا یا فرمانبرداری کرنا‘‘ ہے (Young's Concordance to the Bible, p.1074)

[4] ورنہ، کسی اور عمر کے لڑکو ں کو قتل کیلئے چنا جاتا

[5] اس آیت کے حوالے سے مزید بات کر نے کیلئے کالم ’’ تقریر بمقابلہ تحریر‘‘ دیکھیں

[6] فعل ’’teleo‘‘ نئے عہد نامہ میں 27بار آیا ہے۔ ان میں سے KJVاس کا ترجمہ ، آٹھ بار ’’ختم‘‘ کے طور پر، سات بار ’’پورا ہونے ‘‘ کے طور پر، چار بار ’’مکمل ہونے ‘‘ کے طور پر اور صرف ایک بار ’’ ادا کرنے ‘‘ کے طور پر کرتی ہے (متی 2باب39آیت میں )۔ اس لئے اس کے معنی صرف ’’ ادا کرنے ‘‘ کے نہیں بلکہ ’’ ختم کرنے ‘‘ اور ’’ اختتام پذیر ہونے ‘‘ کے بھی ہیں

[7] لوقا2باب22آیت ہمیں بتاتی ہے کہ ہیکل میں نذر کیا جانا تب ہوا جب مریم کی طہارت کے دن مکمل ہو گئے۔ جب کہ شریعت کے کے مطابق(احبار 12باب1تا5آیت)، جو عورت کسی بچے کو جنم دیتی ہے اس کی طہارت کے دن چالیس ہوتے تھے، پس ہم یہ نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ ہیکل میں نذر کیا جانا پیدائش کے چالیس دن بعد واقع ہوا

[8] ’’ خدا کی شریعت‘‘ کے فقرے کا لازماً مطلب موسیٰ کی شریعت ہی نہیں ہے۔ موسیٰ کی شریعت کے علاوہ، لفظ ’’شریعت‘‘ عام طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے، جس کا مطلب پرانے عہد نامہ کے حوالہ جات ہیں۔ یوحنا 10باب 34آیت اور 15باب25آیت میں اس فقرے کے استعمال سے یہ اشارہ کیا گیا ہے جہاں مزامیر کو ’’شریعت‘‘ کہا گیا ہے اور جیسے کہ 1کرنتھیوں 14باب21آیت جہاں یسعیاہ کو ’’شریعت‘‘ کہا گیا ہے۔ لوقا2باب39آیت میں یہ زیادہ عام معنوں میں استعمال کیا گیا ہے۔
٭٭٭
ماخذ:
http://www.jba.gr/Urdu/jbadec96_ur.htm
http://www.jba.gr/Urdu/jbajan97_ur.htm
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

کرسمس اور مسیح کی پیدائش پر