اطلاقی لسانیات 2007 ء
مرتبہ پروفیسر مرزا خلیل احمد بیگ
ناشر: شعبۂ لسانیات علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ
محض اردو مضامین کا یہاں شمول کیا گیا ہے۔
دکنی اسلوبیات سیدہ جعفر
(۱)
دکن میں اردو زبان کے آغاز و ارتقا کی تاریخ نہایت قدیم ہے۔ اردو زبان نے سرزمینِ دکن میں اپنے ارتقا کے دوران جو قابلِ قدر ادبی کارنامے انجام دیے ہیں ، اردو ادب کی تاریخ میں ان کی حیثیت ایک نہایت شاندار اور روشن باب کی ہے۔ دکنی اردو زبان و ادب کی تاریخ کئی صدیوں پر محیط ہے۔ بہمنی سلطنت کے قیام (۱۳۴۷ء) سے لے کر اورنگ زیب کی وفات (۱۷۰۷ء) تک دکن میں ادبی و شعری تصانیف کا ایک لامتناہی سلسلہ پایا جاتا ہے، جب کہ شمالی ہندوستان میں اس طویل عرصے کے دوران میں صرف چند تصانیف کا ہی سراغ مل سکا ہے۔ دکن کے ادبی سرمائے میں جہاں مثنوی، قصیدہ، غزل، مرثیہ اور رباعی جیسی اصناف شامل ہیں وہاں سب رس (ملّا وجہی)، معراج العاشقین (شاہ مخدوم حسینی)، شمائل ا لاتقیا (میراں یعقوب)، کلمۃ الحقائق (برہان الدین جانم) اور گنجِ مخفی (امین الدین علی اعلیٰ) جیسے نثری شہ پارے بھی موجود ہیں۔ لیکن یہ عجیب بات ہے کہ دکنی ادب کا مطالعہ اب تک زیادہ تر تاریخی اور لسانیاتی نقطۂ سے ہی کیا گیا ہے اور دکنی زبان میں ظہور پذیر ہونے والی لسانی تبدیلیوں ، نیز لسانیاتی خصوصیات ہی پر عالموں کی توجہ مرکوز رہی ہے۔ خالص ادبی اور تنقیدی نقطۂ نظر سے دکنی ادب کے مطالعے کی اہمیت بہت کم رہی ہے، اور دکنی ادب کے اسلوبیاتی مطالعے کی تو ابھی ابتدا بھی نہیں ہوئی ہے۔ دکنی اردو متون کی تدوین کے وقت بعض اوقات مرتبین ضمناً ان کی ادبی خصوصیات پر بھی روشنی ڈالتے ہیں ، لیکن فن پارے کی اسلوبی خصائص (Style-features) اور اس کے اسلوبیاتی پہلوؤں کو بالکل نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ تدوینِ متن کے دوران متن کی تحقیقی چھان بین، اس کے زمانۂ تصنیف، مصنف کے احوال و کوائف، مخطوطے کی عام کیفیت، املا اور کتابت کے مسائل نیز لسانیاتی خصوصیات ہی کو زیادہ تر اہمیت دی جاتی ہے۔ شاید ہی کسی مرتب نے تدوینِ متن کے دوران فن پارے کے اسلوب سے بھی بحث کی ہو یا اس کی اسلوبیاتی خصوصیات کو بھی بیان کیا ہو۔
یہاں دکنی اردو ادب کی لسانی خصوصیات اور اسلوبیاتی خصوصیات کے درمیان فرق کو واضح کر دینا ضروری ہے۔ دکنی ادب کی لسانی خصوسیات سے مراد دکنی زبان کی وہ خصوصیات ہیں جو شمالی ہند کی اردو میں نا پید ہیں۔ جب کہ دکنی ادب کی اسلوبیاتی خصوصیات کا تعلق دکنی ادب میں زبان کے تخلیقی و جمالیاتی استعمال کی نہج و نوعیت اور اسلوبی امتیازات سے ہے۔ مثال کے طور پر /ق/کی/خ/ میں تبدیلی جیسے عقل سے ’’اخل‘‘، وقت سے ’’وخت‘‘، نقش سے ’’نخش‘‘ یا ’’اں ‘‘ کے اضافے کے ساتھ جمع کی تشکیل مثلاً لوگاں ، باتاں ، راتاں وغیرہ یا صیغۂ ماضیِ مطلق بناتے وقت فعلِ امر کے بعد ’’یا‘‘ کا اضافہ مثلاً، کہیا، چلیا، بولیا، وغیرہ۔ اس قسم کی خصوصیات کو ہم دکنی اردو کی لسانیاتی خصوصیات کہیں گے، کیوں کہ ان کا تعلق دکنی اردو کی ساخت و ہیئت سے ہے۔ یہ تمام لسانی خصوصیات دکنی ادب میں بھی پائی جاتی ہیں۔ ان خصوصیات کو ہم اسلوبیاتی خصوصیات نہیں کہیں گے، خواہ ان کا استعمال ادب و شاعری میں ہی کیوں نہ ہوا ہو۔
(۲)
اس امر کا ذکر یہاں بیجا نہ ہو گا کہ اسلوبیات سے یہاں مراد ’لسانیاتی اسلوبیات‘ ہے جو ’ادبی اسلوبیات‘ سے مختلف ہے۔ لسانیاتی اسلوبیات کی تمام تر بنیاد جدید لسانیات کے اصولوں پر رکھی گئی ہے۔ اس کا ارتقا بھی جدید لسانیات کے ارتقا کے بعد عمل میں آیا۔ لسانیاتِ جدید اپنے شاخ در شاخ سلسلوں سمیت خالص بیسویں صدی کی ایجاد ہے اور لسانیاتی اسلوبیات بیسویں صدی کے نصفِ دوم کی اختراع ہے۔ لسانیاتی اسلوبیات، ادبی اسلوب کے توضیحی و تجزیاتی مطالعے کا نام ہے۔ اس میں زبان کے ادبی و جمالیاتی استعمال کا مطالعہ خالص لسانیاتی نقطۂ نظر سے کیا جاتا ہے جس میں سائنسی، معروضی اور منظم طریقِ کار اختیار کیا جاتا ہے۔ لسانیاتی اسلوبیات، ادبی اسلوبیات سے ان معنوں میں بھی مختلف ہے کہ ادبی اسلوبیات کا تعلق بیان و بلاغت اور صنائع و بدائع سے ہے، جب کہ لسانیاتی اسلوبیات ادبی زبان کی توضیح، اسلوبی خصائص کی شناخت نیز ادب میں زبان کے تخلیقی و جمالیاتی استعمال کے امکانات سے سروکار رکھتی ہے۔ ادبی اسلوبیات میں ’حرف‘ اور ’لفظ‘ کے تصور کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، جب کہ لسانیاتی اسلوبیات میں ’حرف‘ کی جگہ’ صوت‘ کو بنیادی اکائی مانا گیا ہے۔ اپنے مزاج کے اعتبار سے ادبی اسلوبیات تاثراتی اور تشریحی ہے، جب کہ لسانیاتی اسلوبیات مزاجاً معروضی اور تجزیاتی ہے۔ ادبی اسلوبیات کا تعلق ادبی تنقید سے، جب کہ لسانیاتی اسلوبیات اطلاقی لسانیات (Applied Linguistics) کی ایک شاخ ہے۔ لسانیاتی اسلوبیات کی تمام تر بنیاد لسانیات کے اصولوں پر رکھی گئی ہے، اسی لیے اسلوبیاتی تجزیے کے لیے لسانیات کا پہلے سے ٹھوس علم ہونا نہایت ضروری ہے۔ ادبی فن پارے کا اسلوبیاتی تجزیہ، زبان کے لسانیاتی تجزیے کے دوش بدوش کام کرتا ہے۔ یعنی شعر و ادب کا مطالعہ صوتیات کی سطح پر بھی ہوسکتا ہے اور لفظیات، صرف و نحو اور معنیات کی سطحات پر بھی۔ اسلوبیاتی مطالعے کا مقصد فن پارے کا محض لسانیاتی تجزیہ نہیں ہے، بلکہ جیسا کہ پہلے بھی کہا جا چکا ہے کہ اس تجزیے کے ذریعے فن پارے کے اسلوبی خصائص کا پتا لگانا مقصود ہے جن کی وجہ سے وہ فن پارہ دوسرے فن پارے سے ممیز و ممتاز ہو جاتا ہے، اور اس کے خالق کو انفرادی حیثیت حاصل ہو جاتی ہے۔ یہ بات بدیہی ہے کہ موضوعات کسی کی ملکیت نہیں ہوتے۔ کسی فن پارے کی انفرادیت کا تعین ہم اس کے اسلوب اور اسلوبیاتی خصائص کی ہی بنیاد پر کرسکتے ہیں اور اسلوب کی تعمیر و تشکیل میں زبان جو کردار ادا کرتی ہے اس سے صرفِ نظر نہیں کیاجاسکتا۔ اسلوبیاتی تجزیے اور اسلوبیاتی خصوصیات کی شناخت و دریافت سے ادبی فن پارے کی تحسین میں مدد ملتی ہے۔ چنانچہ اسلوبیاتی تجزیے کے ذریعے سے ہم ادب سے بہتر طور پر محظوظ اور لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ اسی لیے کہا گیا ہے کہ اسلوبیاتی مطالعہ ادبی تنقید کی معاونت کرتا ہے۔ یہ ادبی تنقید کا بدل نہیں ہے۔
چوں کہ ادب کا ذریعۂ اظہار زبان ہے، اس لیے ادب و شعر میں ظہور پذیر ہونے والے لسانیاتی اور اسلوبیاتی خصائص سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔ ان خصائص کا مطالعہ و تجزیہ بھی کیاجاسکتا ہے۔ اس تجزیے میں ایک ماہرِ لسانیات یا اسلوبیاتی نقاد جو کردار ادا کرتا ہے اس سے صرفِ نظر نہیں کیاجاسکتا۔ ایک ما ہرِ لسانیات کی ادب میں دلچسپی محض اس لیے ہوسکتی ہے کہ ادب کا ذریعۂ اظہار زبان ہے یعنی ادب زبان کو اپنے میڈیم (Medium) کے طور پر استعمال کرتا ہے اور زبان لسانیات کا مواد و موضوع (Subject Matter) ہے۔ اس لیے ادب اور لسانیات کے درمیان گہرے رشتے کا پایا جاتا امرِ لازمی ہے۔
زبان کا اگر ایک طرف مواد و موضوع کے اعتبار سے لسانیات سے براہِ راست تعلق ہے تو دوسری جانب ذریعۂ اظہار ہونے کی وجہ سے ادب سے بھی اس کا نہایت گہرا اور مربوط رشتہ ہے۔ اسی طرح اگر ایک طرف اسلوبیات کا سِرا لسانیات سے ملتا ہے تو دوسری طرف ادب سے بھی اس کا رشتہ استوار ہے۔
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتاکہ اسلوبیات نے پچھلے چند دہوں کے دوران تنقیدِ شعر کی ایک نئی راہ متعین کی ہے اور ادبی تنقید کو ایک نئی جہت سے روشناس کرایا ہے۔ اسلوبیاتی مطالعے کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ بقولِ پروفیسر مسعود حسین خاں ’’یہ کلاسیکی نقدِ ادب کے اصولوں کی تجدید کرتا ہے اور قدماء کے مشاہدات اور اصطلاحاتِ ادب کو سائنسی بنیاد عطا کرتا ہے۔ ‘‘(۱)
(۳)
جیسا کہ پہلے کہا جا چکا ہے کہ ادب کا اسلوبیاتی مطالعہ، مطالعۂ زبان یعنی لسانیات کی مختلف سطحات پر کیا جاتا ہے۔ اس مطالعے کی پہلی سطح صوتیات ہے۔ دکنی ادب کے صوتیاتی مطالعے کی بنیاد دکنی اردو کے صوتیاتی نظام پر قائم کی جاسکتی ہے جس میں مصمتے بھی ہیں اور مصوتے بھی۔ مصمتوں میں ہکار آوازیں بھی ہیں اور کوز،صفیری اور بندشی آوازیں بھی۔ اردو کے صوتیاتی نظام کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں عربی، فارسی اور ہندی کی الگ الگ آوازیں شامل ہیں۔ اور ایسی آوازیں بھی ہیں جو ان میں سے دونوں یا تینوں زبانوں میں مشترک ہیں۔ اردو کی کوز اور ہکار آوازوں ، مثلاً ٹ، ڈ، ڑ اور پھ، بھ، تھ، دھ وغیرہ کا تعلق خالص ہند آریائی سے ہے۔ انھیں آوازوں کے تانے بانے سے یا ان کے باہمی آہنگ و اتصّال نیز ان کی مخصوص ترتیب و تنظیم اور تکرار و تکرّر سے شعر کے صوتی نمونے (Phonological Patterns) تیار ہوتے ہیں اور شعر کے صوتی آہنگ کی تشکیل عمل میں آتی ہے جن کے مطالعے اور تجزیے سے صوتی سطح پر شعر کے اسلوبیاتی خصائص کا تعین کیاجاسکتا ہے۔
دکنی ادب کی ایک اہم خصوصیت اس کی ہندی آمیز زبان ہے جس کا سلسلہ ہندی کی شعری روایت اور ہند و مذہبی تصوّرات سے بھی جا ملتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دکنی ادب کے صوتی آہنگ میں ہندی نژاد کوز اور ہکار آوازیں بہت اچھی طرح کھپ سکی ہیں۔ اس کے برعکس اردو کی ایرانی شعری روایت میں کوز آوازیں پیوست نہیں ہو سکی ہیں۔ غالب اور اقبال اردو کے دو ایسے شاعر گزرے ہیں جن کی شاعری کا صوتی آہنگ کوز آوازوں کے تانے بانے سے یکسر خالی ہے۔ پروفیسر مسعود حسین خاں غالب اور اقبال کے کلام کے صوتی تجزیوں کے بعد یہ نتیجہ اخذ کرتے ہیں :
’’صفحے کے صفحے الٹتے چلے جائیے ٹ، ڈ، ڑ کی آوازیں اردو شاعری کے مقدس وید یعنی دیوانِ غالب میں نہیں ملتیں۔ یہی حال اقبال کا ہے۔ ‘‘(۲)
کوز آوازوں سے تشکیل پانے والے تتسم اور تدبھو الفاظ دکنی ادب کے ہر دور اور ہر مصنّف کے ہاں بہ کثرت پائے جاتے ہیں۔ جیسا کہ ابھی کہا گیا ہے، دکنی ادب ہندی شعری روایت اور ہندو فلسفے سے بھی مملو ہے، لہٰذا اس روایت کی صوتی عکاسی اور اس فلسفے کی صوتی ترجمانی کوز اور ہکار آوازوں کے استعمال کے بغیر ممکن نہ تھی۔ یہی وجہ ہے کہ دکنی ادب کے صوتی آہنگ میں ان آوازوں کے تارو پود اور تانے بانے کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ مختلف دکنی تصانیف سے کوز یا معکوسی آوازوں پر مشتمل چند الفاظ یہ ہیں :
اکنڈ (سالم)، ویکنٹھ (جنّت)، برہمانڈ (کائنات)، ٹھار (جگہ)، ٹھانوں (جگہ)، منڈل (گھیرا)، درشٹ (نظر)، دشٹی(نظر)،کوٹ (قلعہ)، منڈپ (عارضی سائبان)، ناڑ (نبض)، پرکٹ (ظاہر)، باٹ (راستہ)، بھینٹ (ملاقات)، دیوٹ (چراغ)، ڈونگر (پہاڑ)، مُکٹ (تاج)، نوکھنڈ (نوآسمان)، بھنڈار (ذخیرہ)، نپٹ (بہت)، پٹ (تخت)، پنڈ (جسم)، کھنڈی (تلوار) گھٹ (جسم، دل) بھر شٹ (خراب)، تٹ (کنارہ)، ناٹک (ڈرامہ)، وغیرہ۔
اردو کی تین کوز آوازوں /ٹ/‘/ڈ/ اور /ڑ/ کے علاوہ ایک انفی کوز آواز/ن/ بھی ہے جو خاص طور پر سنسکرت زبان سے مخصوص ہے۔ اس کے بارے میں عام خیال یہ ہے کہ اسے اردو نے اپنے ارتقا کے کسی بھی دور میں اختیار نہیں کیا۔ لیکن بدیع حسینی کی تحقیق کے مطابق قدیم دکنی میں یہ آواز موجود تھی۔ انھوں نے میراں یعقوب کی شمائل الا تقیاء مرتب کرتے وقت اس کے مقدمے میں لکھا ہے کہ ’’اور مخطوطوں کی طرح شمائل الاتقیاء میں بھی یہ نون ملتا ہے۔ ‘‘(۳)
کوز آوازوں کی طرح ہندی کی ہکار آوازیں مثلاً پھ، بھ، تھ، دھ، چھ، جھ، کھ، گھ، وغیرہ بھی دکنی شعریات کے صوتی آہنگ کا جزوِ لاینفک ہیں۔ ہکار آوازوں سے تشکیل شدہ ان گنت تتسم اور تدبھو الفاظ سنسکرت اور پراکرت سے آکر دکنی ادب کے ذخیرۂ الفاظ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ہکار آوازوں کے سلسلے میں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بعض الفاظ میں ان کی ہکاریت زائل ہو جاتی ہے۔ مثلاً مج (مجھ)، کچ (کچھ)، تج (تجھ)، دُک (دکھ) وغیرہ میں ہکاریت کا عنصر معدوم ہو گیا ہے۔ لیکن یہ بات صرف ادبی زبان سے مخصوص نہیں ، بلکہ دکنی اردو کا یہ ایک عام لسانی رجحان ہے۔
ہکار آوازوں سے تشکیل پانے والے دکنی ادب سے مخصوص کچھ الفاظ یہ ہیں :
اندھکار (اندھیرا)، پرگھٹ (ظاہر)، بھُئیں (زمین)، آدھار (بنیاد)، بکھان (بیان)، انجھو (آنسو)، پر تھمی (زمین)، کرودھ (غصّہ)، دھن (دولت)، مکھ (منہ)، کھنڈ (حصّہ)، بھار (بوجھ)، بھید (راز)، ادھک (زیادہ)، چھند (فریب)، چھب (انداز)، الکھ (زلف)، بھال (پیشانی)، کنٹھ (گلا)، گمبھیر (گہرا)، وغیرہ۔
کوز اور ہکار آوازوں سے ترکیب پانے والے الفاظ سے قطع نظر دکنی اردو ادب میں ایسے سنسکرت اور ہندی الفاظ کی تعداد اور بھی زیادہ ہے جو ان آوازوں سے مرکب ہیں جو ہندی۔ فارسی اور ہندی۔ عربی میں مشترک ہیں۔ مثلاً/ن/کی آواز عربی ، فارسی اور ہندی تینوں زبانوں میں مشترک ہے، مثلاً نوم (عربی)، نان (فارسی) اور ناری (ہندی)۔ ہندی و فارسی اور ہندی و عربی مشترک آوازیں تعداد میں ۱۷ ہیں ، یعنی ب پ ت ج چ د ر س ش ک گ ل م ن وہ ی۔ ان آوازوں کے تانے بانے سے جب کوئی ہندی لفظ تشکیل پاتا ہے تو اس کا صوتی آہنگ بھی ہندی کہلائے گا، نہ کہ عربی یا فارسی، ہر چند کہ عربی۔ فارسی میں بھی یہ آوازیں مشترک ہیں۔ ایسے کچھ الفاظ کی مثالیں دکنی ادب میں حسبِ ذیل ہیں :
جیو، جیون، سیوک، گیان، چرن، بالک، پرکار، کمل، کال، سنسار، روپ، سروپ، دیپ، اُپما، جل، پوجا، دان روگ، ماتا، گگن، کلا، پون، نیر، نرمل، امرت، داس، نین، ترون، گج، چمپا، سندر، مایا، گن، انوپ، اچل، مدن، چندن، جگت، موہنی، درپن، انت، بل، نراکار، روگ، اوتار، پتی ورتا، ستونت، سُورگ، سپن، انگ، مارگ، ناس، سور، دیا، چتر، اُتم، پُن، درس، نراسا، نیہ، یدی، اگن، بس، پُرش، آسا، استری، آکاش، پران، پرکاش، دوس، رت، سریر، جنم، لوک، بچن، بچار، الاس، پربت، وغیرہ۔
اردو شاعری کے صوتی آہنگ میں غیر مسموع لہاتی بندشی آواز /ق/کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ یہ آواز عربی زبان سے مخصوص ہے۔ اردو لہجے کو نفیس، شستہ، معیاری اور شہری بنانے میں اس آواز کا خاصا دخل ہے۔ لیکن جس طرح پنجابی اردو دانوں میں یہ آواز مفقود ہے، اسی طرح دکنی اردو بولنے والوں میں بھی اس آواز کا وجود معدوم ہے، لہٰذا دکنی شعروادب کے صوتی آہنگ کا صحیح تصوّر /ق/ کی آواز کو اس کے صوتی نظام سے خارج کرنے کے بعد ہی کیاجاسکتا ہے۔ اس کا اثر یہ ہو گا کہ دکنی کے صوتی آہنگ میں صفیری آواز /خ/ کا تکرّر (Frequency) بڑھ جائے گا جس سے اس کے صوت جمالیاتی تاثر میں بھی اضافہ ہو گا، کیوں کہ /ق/ کی آواز دکنی اردو میں /خ/ میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ دکنی کے صوتی آہنگ میں صفیری آواز /ژ/ بھی ایک طرح سے مفقود ہے۔ ہندی کے ذخیرۂ الفاظ کا دکنی ادب میں اتنا زیادہ عمل دخل ہے کہ صفحے کے صفحے پلٹنے پر بھی /ژ/ سے مرکب الفاظ دکنی شاعری میں نہیں ملتے۔ جس طرح /ق/ ایک خالص عربی آواز ہے، اسی طرح /ژ/ بھی ایک خالص فارسی آواز ہے اور اس سے تشکیل پانے والے الفاظ آج کی معیاری اردو میں بھی صرف چند ہیں ، مثلاً مثرگاں ، ژالہ، اژدہا، پژمردہ، وغیرہ۔ لیکن ان الفاظ میں اگر/ژ/کو/ز/ سے بدل دیاجائے تو اردو کا صوت جمالیاتی آہنگ بُری طرح مجروح ہو جائے گا۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ اردو زبان کے صوتی آہنگ کی امتیازی شان عربی فارسی کی چھے آوازوں یعنی /ف/‘/ز/‘/ژ/ ‘/خ/‘/غ/‘/ اور / ق/ سے ہی قائم ہے جن میں سے دو آوازیں یعنی /ق/اور /ژ/ دکنی کے صوتی آہنگ سے خارج ہو جاتی ہیں۔ باقی ماندہ چار عربی فارسی آوازوں یعنی /ف/‘/ز/‘ /غ/‘/ اور /خ/ سے ترکیب پانے والے الفاظ اگرچہ دکنی ادب میں بکثرت پائے جاتے ہیں ، لیکن ان کے بغیر بھی دکنی شعری اسلوب بدستور قائم رہتا ہے۔ لہٰذا یہ کہنا بیجا نہ ہو گا کہ دکنی ادب کا بنیادی صوتی آہنگ ہندی نثر اور صوتی آہنگ ہے۔ اس صوتی آہنگ کی چند مثالیں ملاحظہ ہوں :
ہنسلی تجھ گل میں دیکھ کہتے ہیں
چاند سیں مکھ کا ہے گا یو ہالا
(ولی)
پہاڑاں تیرے داس کہواویں سب
چل آوے، کہے توں تو چل آویں سب
(غواصی)
تج یاد بنا ہور منجے کام نہیں
نِس جاگتے جاتی ہے، دن آرام نہیں
(ملاوجہی)
پِیا باج پیالہ پیا جائے نا
پیا باج یک تل جیا جائے جا
(محمد قلی قطب شاہ)
تج بن پیارے نیند ٹک نیناں میں مُنج آتی نہیں
رینی اندھاری کٹھن تج بن کٹی جاتی نہیں
(محمد قلی قطب شاہ)
رہن نا سکے من پیا باج دیکھے
ہووے تَن کوں سکھ جب ملے پیو پیالا
(محمد قلی قطب شاہ)
اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ دکنی ادب کے تشکیلی دور میں سنسکرت اور ہندی نژاد الفاظ کا استعمال کثرت سے ہوا ہے۔ شری رام شرمانے اس کی دو وجہیں بیان کی ہیں۔ (۴) پہلی وجہ تو یہ ہے کہ جن صوفی بزرگوں نے ابتدائی زمانے میں دکنی کے ذریعے اپنے سلوک و عرفان کو بیان کیا وہ ہندوستان کے ویدانت اور فلسفے سے واقف تھے۔ انھوں نے اسلامی افکار کے ساتھ ہندوستان کے قدیم اور مروج فلسفے کے امتزاج کی کوشش کی۔ اس آمیزش کی بنا پر انھوں نے ہندوستان کے فلسفے میں استعمال شدہ اصطلاحوں کو قدرے ردّ و بدل کے ساتھ قبول کر لیا۔ اسی لیے ان کے کلام اور اقوال میں سنسکرت کے خالص الفاظ کی افراط ہے۔ اس کی دوسری وجہ یہ ہے کہ دکنی کے مشہور شعراء سنسکرت ادبیات سے بھی متعارف تھے جس نے ان کی تصانیف کو سنسکرت کے متعدد خالص الفاظ عطا کیے۔ لیکن قدیم دکنی اردو ادب میں سنسکرت اور ہندی نژاد الفاظ کے کثرتِ استعمال کی سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ جس زبان کو دکنی مصنّفین نے ادبی اظہار کا وسیلہ بنایا تھا وہ ایک خام اور نا پختہ زبان تھی جو اپنے تشکیلی اور ارتقائی مراحل سے ابھی گزر ہی رہی تھی کہ اسے تحریر کا جامہ پہنا دیا گیا۔ اس زبان کے تلفظ و املا کے نہ تو ابھی کوئی اصول مقرر ہوئے تھے اور نہ ہی اس کی معیاری بندی عمل میں آئی تھی۔ یہ ایک ایسی زبان تھی جو نہ صرف خام اور نا پختہ تھی بلکہ سیّال حالت میں بھی تھی۔
(۴)
شعر کے صوتی آہنگ کی تعمیر و تشکیل میں آوازوں کے انتخاب، الفاظ میں ان کی ترتیب و تنظیم اور تکرار کو نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ شعر کی موسیقیت، ترنمی کیفیت اور غنائیت کا انحصار بہت کچھ اصوات کی تکرار و تکرّر پر منحصر ہوتا ہے جس سے بعض اوقات شعر کی فکری اور معنوی اثریت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ صوتی تکرار مصمتی (Consonanatal) بھی ہوسکتی ہے اور مصوتی (Vocalic) بھی۔ مصمتی تکرار کو تجنیسِ صوتی یا Alliteration بھی کہتے ہیں جس میں قریب الواقع الفاظ متجانس آواز سے شروع ہوتے ہیں جس سے شعر میں ایک مخصوص قسم کا صوتی آہنگ پیدا ہو جاتا ہے۔ دکنی ادب میں اس کی نہایت عمدہ مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ محمد قلی قطب شاہ کے درجِ ذیل شعر کے پہلے مصرعے میں /پ/ کی تکرار اور دوسرے مصرعے میں /ج/ کی تکرار سے نہایت دلکش صوتی آہنگ ابھرتا ہے:
پیا باج پیالہ پیا جائے نا
پ پ پ
پیا باج یک تل جیا جائے نا
ج ج
اس شعر کے پہلے مصرعے میں پیا اور پیالہ کی ابتدا میں /پ/ کی تکرار پائی جاتی ہے اور دوسرے مصرعے میں جیا اور جائے کی ابتدا میں /ج/ کی تکرار پائی جاتی ہے۔ تجنیسِ صوتی سے قطع نظر اس شعر کے پہلے مصرعے میں پیا بمعنی ’محبوب‘ اور پیا بمعنی ’پینا‘ (فعل) میں تجنیسِ تام بھی ہے۔ مصمتی تکرار کی چند اور مثالیں یہ ہیں :
۱۔ /ش/ کی تکرار:
شرابِ شوق میں سرشار ہیں ہم
کبھو بے خود کبھو ہوشیار ہیں ہم
(ولی)
۲۔ /خ/ کی تکرار:
خوبرو خوب کام کرتے ہیں
یک نگہ میں غلام کرتے ہیں
(ولی)
۳۔ /م/ کی تکرار:
ترے دو نین ہیں مد مست متوال
ترے دو گال ہیں خوبی کے گلّال
(محمد قلی قطب شاہ)
۴۔ /ن/ کی تکرار:
رکھے نارو و ناز سوں پگ جہاں
سورج چاند سجدا کریں آ وہاں
(وجہی)
مصمتی تکرار کی ایک صورت یہ بھی قرار پاتی ہے کہ دو الفاظ شعر میں قوافی کے علاوہ بھی ہم قافیہ بن جاتے ہیں ، مثلاً:
۱۔ مشتاق/عشاق:
مدت ستی مشتاق ہیں عشاق جفا کے
بے داد کہ وو ظالمِ بے داد نہ آیا
(ولی)
۲۔ یار/دلدار:
اگر یار دلدار ہور اہل ہے
تو یو کام کرنا بہوت سہل ہے
(وجہی)
۳۔ محبت/ لذت:
محبت کی لذت فرشتاں کونیں ہے
بہت سعی سوں میں سو لذت پچھائی
(محمد قلی قطب شاہ)
مصمتی تکرار سے قطع نظر، مصوتی تکرار (Assonance) سے بھی شعر میں ایک مخصوص قسم کا صوتی آہنگ پیدا ہوتا ہے۔ اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ ایک ہی مصوتہ (Vowel) قریب الواقع الفاظ یا قریب الواقع صوتی ارکان میں بار بار دہرایا جاتا ہے، مثلاً:
ساقیا آ شرابِ ناب کہاں
(محمد قلی قطب شاہ)
اس مصرعے کے ہر لفظ میں طویل مصوتہ /آ/ کی تکرار پائی جاتی ہے، یعنی سا، یا، آ، را، نا اور ہاں۔ اس طرح پانچ الفاظ پر مشتمل اس مصرعے میں طویل مصوتہ /آ/ چھے باراستعمال ہوا ہے۔
اسی طرح ذیل کے شعر کے مصرعۂ اولیٰ میں سکھی، دیکھی، اور سریجن میں طویل مصوتہ/ای/ اور مصرعۂ ثانی میں سوں ، کوں اور سوں میں طویل مصوتہ/اوٗ/ کی تکرار پائی جاتی ہے:
سکھی میں خواب میں دیکھی سریجن آئے ہیں جانو
اوچا کر پیار سوں مج کوں گلے سوں لائے ہیں جانو
(ہاشمی)
مصوتی تکرار کی کچھ اور مثالیں یہ ہیں :
۱۔ /اے/ کی تکرار:
محبت کے مرے دعوے پہ نا ہووے سند مجھ کوں
لکھیا ہوں صفحۂ ہستی پہ خونِ دل سے نام اس کا
(ولی)
۲۔ /ای/ کی تکرار:
کہ میں ہوں بنی بالی تیری پرت کی
اسی تے لگی ہے تماری خماری
(محمد قلی قطب شاہ)
صوتی تکرار کے مطالعے اور تجزیے کو اسلوبیاتی تنقید میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے، کیوں کہ صوتی تکرار شعری اظہار کی ایک خوبی تسلیم کی گئی ہے جو زبان کو حسن وسلیقے کے ساتھ استعمال کرنے سے ہی ظہور میں آتی ہے۔ صوتی تکرار کی بے شمار قسمیں ہیں اور دکنی شاعری میں اس کی بہت عمدہ مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں ، لیکن ان تمام اقسام کا یہاں احاطہ کرنا ممکن نہیں۔ شعر کی صوتی تکرار کا ذکر بیان و بدیع کی قدیم کتب میں بھی ملتا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قدماء کا بھی اس ضمن میں مشاہدہ بہت گہرا تھا۔
شعر کے صوتی آہنگ میں قوافی و ردیف کے صوتی آہنگ کو مرکزی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ شعر کا بنیادی صوتی آہنگ دراصل قوافی و ردیف کے صوتی آہنگ سے ہی تشکیل پاتا ہے۔ قوافی وردیف میں آوازوں کی اندرونی تنظیم سے جو موسیقیت اور نغمگی برآمد ہوتی ہے، دکنی شعراء نے اس سے بھرپور کام لیا ہے۔
دکنی شعراء کی غزلوں کے صوتی آہنگ کا مطالعہ و تجزیہ قوافی و ردیف کے درمیان لگائی جانے والی گرہ کے نقطۂ نظر سے بھی کیاجاسکتا ہے۔ اس ضمن میں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اگر قافیہ مصوتے (Vowel) پر ختم ہو اور ردیف مصمتے (Consonant) سے شروع ہو تو قافیے اور ردیف کے درمیان صوتی گرہ بہت کامیابی کے ساتھ لگائی جاسکتی ہے۔ دکنی شاعروں کے یہاں اس کا اکثر و بیشتر التزام پایا جاتا ہے، لیکن دکنی شاعروں کے دواوین میں ایسی غزلیں بھی ہیں جن میں صوتی گرہ کی یہ صورت نہیں پائی جاتی، مثلاً قوافی اگر مصمتے پر ختم ہوتے ہیں تو ردیف مصمتے ہی سے شروع ہو جاتی ہے۔ جہاں جہاں یہ صورت پیدا ہوئی ہے، شعر میں ایک قسم کی ثقا لتِ صوتی پیدا ہو گئی ہے اور شعر کی روانی، لَے اور نغمگی بری طرح مجروح ہوئی ہے۔ مثال کے طور پر محمد قلی قطب شاہ کی غزل__
ساقیا آ شرابِ ناب کہاں
میں قافیہ ناب، مصمتہ /ب/ پر ختم ہوتا ہے اور ردیف کہاں ایک دوسرے مصمتے /ک/ سے شروع ہوتی ہے جس سے شعر کی ترنمی کیفیت، لَے اور روانی بری طرح مجروح ہوتی ہے اور ثقا لتِ صوتی کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ اس غزل کا مقابلہ اگر محمد قلی قطب شاہ کی ایک دوسری غزل:
پیا باج پیالہ پیا جائے نا
پیا باج یک تل جیا جائے نا
سے کیا جائے تو اندازہ ہو گا کہ اس میں قوافی و ردیف کے درمیان صوتی گرہ کتنی کامیابی کے ساتھ لگائی گئی ہے۔ یہاں قوافی پیا، جیا، وغیرہ طویل مصوتے /آ/پر ختم ہوتے ہیں اور ردیف جائے نا مصمتے /ج/ سے شروع ہوتی ہے۔ دکنی شاعروں کی نمائندہ غزلوں میں قوافی و ردیف کے درمیان صوتی گرہ کا زیادہ تر یہی نمونہ (Pattern) پایا جاتا ہے۔
دکنی شعر و ادب میں اسلوبیاتی تجزیوں کے بھر پور امکانات پائے جاتے ہیں۔ چنانچہ لسانیات کی ہر سطح پر اسلوبیاتی خصائص کی شناخت ممکن ہے۔ لیکن اس مختصر سے مقالے میں ان تمام امور کا احاطہ کرنا ممکن نہیں۔
حواشی و حوالے
۱۔ مسعود حسین خاں ، ’’مطالعۂ شعر: صوتیاتی نقطۂ نظر سے‘‘ مشمولہ شعر و زبان (مسعود حسین خاں )، حیدرآباد: شعبۂ اردو، عثمانیہ یونیورسٹی، ۱۹۶۶ء، ص ۱۶۔
۲۔ ایضاً، ص ۲۲۔
۳۔ دیکھیے شمائل الاتقیاء (انتخاب) ازمیراں یعقوب مرتبہ بدیع حسینی مطبوعہ قدیم اردو (حیدرآباد)، جلد دوم، ۱۹۶۷ء۔ ص ۱۶۶۔
۴۔ د یکھیے شری رام شرما کی تصنیف دکھنی ہندی کا ادبھو اور وکاس (ہندی) جس کا ترجمہ غلام رسول (سابق لائبریرین، سٹی کالج، حیدرآباد) نے دکنی زبان کا آغاز اور ارتقا کے نام سے کیا۔ یہ کتاب آندھراپردیش ساہتیہ اکیڈمی، حیدرآباد کی جانب سے ۱۹۶۷ء میں شائع ہوئی۔
(۱۹۸۷ء)
اردو مرکباتِ لفظی صباح الدین احمد
مرکب لفظ (Compound Word) کی تشکیل دو آزاد صرفیوں (Free Morphemes) کو ترکیب دینے سے عمل میں آتی ہے۔ اردو میں مرکب الفاظ کئی طرح سے تشکیل دیے جاتے ہیں اور ان کی متعدد قسمیں ہیں۔ لیکن اس مضمون میں صرف انھیں مرکباتِ لفظی کا تجزیہ پیش کیا گیا ہے جو عربی فارسی سے آئے ہیں۔ ایسے مرکبات حسبِ ذیل ہیں :
۱۔ مرکبِ عطفی(Conjunctive Compound)
۲۔ مرکبِ اضافی(Genitive Compound)
۳۔ مرکبِ توصیفی (Attributive Compound)
۴۔ مرکبِ امتزاجی(Synthetic Compound)
۱۔ مرکبِ عطفی
یہ وہ مرکب ہے جو دو آزاد صرفیوں کے درمیان ’واوِ عطف‘ داخل کر کے تشکیل دیا جاتا ہے، اسی لیے اسے ’عطفی مرکب‘ یا ’مرکبِ عطفی‘ کہتے ہیں ، مثلاً رنج و غم، جان و مال، لیل و نہار، شب و روز، تر و تازہ، آب و ہوا، وغیرہ۔ ان مرکبات میں ’’و‘‘ (بمعنی ’اور‘) ’حرفِ عطف‘ ہے جو لفظِ ما قبل سے ملا کر ادا کیا جاتا ہے۔
مرکبِ عطفی کے دونوں اجزا ( آزاد صرفیے)، یعنی ’’و‘‘ سے قبل اور بعد میں آنے والے دونوں الفاظ عربی فارسی نژاد ہوتے ہیں جیسا کہ اوپر کی مثالوں سے ظاہر ہے۔ معیاری اردو میں دو ہندی الاصل الفاظ کو حرفِ عطف سے جوڑ کر عطفی مرکب تشکیل نہیں دیے جاتے۔ اسی طرح ایک عربی یا فارسی لفظ اور ایک ہندی لفظ کو ’’و‘‘ سے ترکیب دے کر مرکبِ عطفی بنانے کی مثال بھی معیاری اردو میں نا پید ہے۔ مرکبِ عطفی کے دونوں اجزا جو دو آزاد صرفیوں یا الفاظ پر مشتمل ہوتے ہیں ، اسم بھی ہوسکتے ہیں اور صفت اور فعل بھی، مثلاً:
(۱) دونوں ا جزا اسم: شان و شوکت، علم و فن، دیرو حرم، شب و روز، صبح و شام، خواب و خیال، گل و بلبل، خاروخس، وغیرہ۔
(۲) دونوں اجزا صفت: تر و تازہ، نرم و نازک، سردو گرم، روشن و تابناک، حسین و جمیل، تنگ و تاریک، وغیرہ۔
(۳) دونوں اجزا فعل: آمدورفت، خوردو نوش، نوشت و خواند، دید و شنید، نشست و برخاست، خریدو فروخت، وغیرہ۔
۲۔ مرکبِ اضافی
یہ وہ مرکبِ ہے جو مضاف و مضاف الیہ سے مل کر بنتا ہے۔ اس کا پہلا جزو مضاف الیہ اور دوسرا جزو مضاف ہوتا ہے جس سے کا،کی، کے، کے معنی پیدا ہوتے ہیں۔ اس کے پہلے جزو کا آخری حرف بالکسر ہوتا ہے، یعنی اس کے نیچے زیر ( ِ ) ہوتی ہے جسے ’اضافتِ زیر‘ کہتے ہیں ، مثلاً خاکِ وطن (وطن کی خاک)۔ مرکبِ اضافی ہمزہ (ئ) اور یائے مجہول (بڑی ے) کے اضافے سے بھی تشکیل دیا جاتا ہے، مثلاً خانۂ خدا (خدا کا گھر)، بوئے گل (پھول کی مہک)، وغیرہ۔
(الف) فارسی مرکبِ اضافی
مرکبِ اضافی کی تشکیل کے مذکورہ تینوں قاعدے فارسی کے ہیں جن کی تفصیل درجِ ذیل ہے:
(۱) مرکبِ اضافی کا جزوِ اول جب مصمتے (Consonant) یا طویل مصوتے /ی/پر ختم ہوتا ہے تو اس کے آخری حرف کے نیچے زیر لگا دیتے ہیں جسے ’اضافتِ زیر‘ کہتے ہیں ، مثلاً دردِ دل، نبضِ بیمار، یادِ خدا، روزِ قیامت، غمِ دنیا، والیِ ریاَست، کرسیِ صدارت، ماضیِ قریب، وغیرہ۔
(۲) مرکبِ اضافی کا جزوِ اول جب ہائے مختفی پر ختم ہوتا ہے تو اس کے اوپر ہمزہ (ء) بنا دیتے ہیں ، مثلاً نعرۂ آزادی، وعدۂ فردا، خانۂ خدا، نشۂ دولت، نغمۂ بہار، کوچۂ یار، سانحۂ کربلا، وغیرہ۔
(۳) مرکبِ اضافی کا جزوِ اول جب طویل مصوتے (Long Vowel) -(ا) یا -(وٗ) پر ختم ہوتا ہے تو اس کے بعد یائے مجہول یا بڑی ’’ے‘‘ کا اضافہ کر دیا جاتا ہے، لیکن اس پر ہمزہ (ئ) بھی بنا دیا جاتا ہے، مثلاً صدائے دل، سزائے قید، تماشائے دنیا، بوئے گل، آبروئے وطن، خوئے دوست(۱)، وغیرہ۔
(ب)عربی مرکبِ اضافی
اردو میں مرکباتِ اضافی عربی قاعدے کے مطابق بھی ترکیب دیے جاتے ہیں۔ ایسے مرکبات میں جزوِ آخر کی ابتدا میں ’’ال‘‘ کا اضافہ کر دیا جاتا ہے، مثلاً دارالحکومت، شیخ الجامعہ، نورالاسلام، سحرالبیان، عبدالرزاق، عبدالستار، میلاد النبی، وغیرہ۔
اردو شعر و ادب میں مرکباتِ اضافی کا استعمال بکثرت پایا جاتا ہے۔ بعض اوقات دو دو یا تین تین اضافی مرکبات ایک ساتھ استعمال کیے جاتے ہیں۔ غالبؔ نے تو اپنے ایک شعر میں چار مرکباتِ اضافی ایک ساتھ استعمال کیے ہیں۔ وہ شعر یہ ہے:
بوئے گل، نالۂ دل، دودِ چراغِ محفل
جو تری بزم سے نکلا، سو پریشاں نکلا
بعض اوقات دو مرکباتِ اضافی کو حرفِ عطف ’’و‘‘ سے جوڑ دیا جاتا ہے، مثلاً غالبؔ کا یہ شعر دیکھیے:
قیدِ حیات و بندِ غم، اصل میں دونوں ایک ہیں
موت سے پہلے آدمی، غم سے نجات پائے کیوں
کبھی کبھی مرکبِ اضافی کو مرکبِ عطفی کے ساتھ ملا دیتے ہیں ، مثلاً اقبالؔ نے ’’پیمانۂ امروز و فردا‘‘ کی ترکیب استعمال کی ہے:
تو اسے پیمانۂ امروز و فردا سے نہ ناپ
جاوداں ، پیہم دواں ، ہر دم رواں ہے زندگی
۳۔ مرکبِ توصیفی
یہ وہ مرکب ہے جس کا جزوِ آخر صفت ہوتا ہے اور جزوِ اول موصوف۔ مرکبِ توصیفی بھی دو آزاد صرفیوں کو زیر، ہمزہ اور یائے مجہول (بڑی ’’ے‘‘) کے ساتھ ترکیب دینے سے بنتا ہے۔ لیکن ان کے معنی کا، کی، کے، کے نہیں ہوتے۔ اردو میں مستعمل تینوں اقسام کے مرکباتِ توصیفی یہ ہیں :
(۱) زیر سے مرکب، مثلاً روزِ سیاہ، گلِ سرخ، شبِ تاریک، روزِ روشن، سخنِ مختصر، حکایتِ لذیذ، تنِ نازک، وغیرہ۔
(۲) ہمزہ سے مرکب، مثلاً جادۂ مستقیم، دیدۂ نم، لقمۂ تر، شعلۂ جوالہ، بادۂ رنگین، خانۂ خالی، وغیرہ۔
(۳) یائے مجہول اور ہمزہ سے مرکب، مثلاً روٗئے زیبا، گفتگوئے خاص،جائے تنگ، ہوائے سرد، وغیرہ۔
۴۔ مرکبِ امتزاجی
یہ وہ مرکب ہے جس کے دونوں اجزا باہم اس طرح مخلوط ہوں کہ بہ ظاہر ترکیب کا گمان نہ ہو، مثلاً:
(۱) آسمان: یہ مرکب لفظ آسیا (بمعنی ’چکّی‘) کے جزوِ اول ’’آس‘‘ اور مانند (بمعنی ’مِثل‘) کے جزوِ اول ’’مان‘‘ سے مل کر بنا ہے، یعنی آس (یا) مان (ند)۔ ’’آسمان‘‘ کے لغوی معنی ہیں ، ’چکّی کے مثل یا مانند‘۔
(۲) آفتاب: یہ مرکب لفظ آفت اور آب کے امتزاج سے بنا ہے۔ یہ اصلاً ’’آفتِ آب‘‘ یعنی ’پانی کے لیے آفت‘ تھا جو کثرتِ استعمال سے ’’آفتاب‘‘ بن گیا، چوں کہ سورج کی شعاعوں سے پانی خشک ہو جاتا ہے، گویا سورج پانی کے لیے آفت ہوا۔ لہٰذا سورج کو اسی نام یعنی ’’آفتاب‘‘ (آفتِ آب) سے پکارا جانے لگا۔
(۳) بغداد: عراق کے ایک شہر کا نام ہے۔ اصلاً یہ ’’باغِ داد‘‘ تھا۔ یعنی ’انصاف کا باغ‘، جہاں نوشیروانِ عادل بیٹھ کر انصاف کیا کرتا تھا۔ بعد میں ’’باغ‘‘ کا الف ساقط ہو گیا اور اضافتِ زیر بھی حذف ہو گئی جس سے باغِ داد، ’’بغداد‘‘ بن گیا۔
کتابیات:
۱۔ رشید حسن خاں ، اردو املا۔ دہلی: نیشنل اکادمی، ۱۹۷۴ء۔
۲۔ عبدالستار دلوی (مرتب)، اردو میں لسانیاتی تحقیق۔ بمبئی: کوکل اینڈ کمپنی، ۱۹۷۱ء۔
۳۔ مرزا خلیل احمد بیگ، آئیے اردو سیکھیں۔ علی گڑھ: ایجوکیشنل بک ہاؤس، ۱۹۹۵ء۔
***
اردو صوتیات کا خاکہ مسعود حسین خاں
ہر زبان کا ایک صوتی نظام ہوتا ہے جس کے ارتقا کی نشان دہی تاریخی لسانیات کے ذریعہ کی جاتی ہے۔ اردو صحیح معنوں میں ایک ریختہ اور مخلوط زبان ہے۔ اس کی قواعد کی ہر سطح پر لسانی اختلاط کے آثار پائے جاتے ہیں۔ عربی فارسی کے اثرات صوتیات سے ہوتے ہوئے تشکیلی صوتیات، صرف و نحو بلکہ معنیات تک نفوذ کر گئے ہیں۔ آج ہم اردو زبان کا صحیح تصور اس وقت تک قائم نہیں کر سکتے جب تک کہ کوئی شخص ز/خ/ ف/ غ/ وغیرہ کو صحیح مخرج سے ادا کرنے پر قدرت نہیں رکھتا۔ /ق/ کے بارے میں جبیں پر شِکنیں پڑ جائیں گی لیکن یہ بھی اسی صف میں آتا ہے۔ اردو رسمِ خط عربی رسمِ خط کی توسیع شدہ شکل ہے جس کا اطلاق پہلے ایرانی پر ہوا اور بعد کو ہندوستانی زبان پر۔ بدیسی لباس میں جلوہ گر ہونے کی وجہ سے اردو کے آریائی خدوخال کسی قدر روپوش ہو جاتے ہیں اور صوتیات کے طالبِ علم کو حرف پر صوت کا دھوکا ہوتا ہے۔ صوتیات کی تدریس کے سِلسلے میں یہ میرا ذاتی تجربہ ہے کہ اردو کے طالب علم کے ذہن میں حرف و صوت کا باہمی تعلق بہت دیر میں واضح ہوتا ہے۔ حرف ذہن پر اس قدر مُسلّط رہتا ہے کہ وہ اردو کی بُنیادی آوازوں کو دیر میں پہچان پاتا ہے۔ وہ ’’گھر‘‘ ،’’بھر‘‘، ’’جھڑ‘‘ وغیرہ الفاظ میں /گھ/ کوگ اور ھ، /بھ/ کو ب اور ھ، اور /جھ/ کو ج اور ھ سے مرکب آوازیں سمجھتا ہے، حالاں کہ صوتی نقطۂ نظر سے یہ مفرد آوازیں ہیں نہ کہ مرکب۔ ہمارے مکتبوں میں اردو کے استاد بچّے کو ہمیشہ گ ھ ر (زبر) گھر اور ب ھ ر (زبر) بھر پڑھاتے آئے ہیں اور پڑھا رہے ہیں۔ بعض اوقات ہائے ہوز اور دو چشمی (ھ) کا امتیاز تک قائم نہیں رکھا جاتا۔ فرق صرف ایسے مقامات پر کیا جاتا ہے جہاں خلطِ مبحث کا ڈر ہو، مثلاً دَھر اور دَہر۔
صوتیاتی نقطۂ نظر سے ہر زبان کی آوازوں کو دو خاص شقوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے:
۱۔ مصوتے (Vowels)
۲۔ مصمتے(Consonants)
یہاں ہم عمداً اردو قواعد کی عام اِصطلاحات حروفِ علت اور حروفِ صحیح استعمال نہیں کر رہے ہیں۔ جیسا کہ میں پہلے کہہ چکا ہوں ، ہمارے فلسفۂ قواعد کے تمام پہلوؤں پر ’’حرف‘‘ کا تصوّر چھایا ہوا ہے جب کہ بُنیادی طور پر زبان تقریر ہے ،نہ کہ تحریر۔
اردو کے مصوتے (Urdu Vowels)
اردو کے تمام مصوتے ہند آریائی ہیں اور تعداد و نوعیت کے اعتبار سے فارسی اور عربی کے مصوتوں سے کافی مختلف۔ ان کے اظہار کے لیے جب عربی فارسی رسمِ خط کو استعمال کیا گیا تھا تو کئی دِقّتوں کا سامنا ہوا۔ ان سے ہمارے معلّمین اور کاتب مختلف زمانوں میں مختلف انداز میں عہدہ برآ ہوئے ہیں۔ تا حال ان کی مقررہ علامات میں اتفاقِ رائے نہیں ہو سکاہے۔
ہند آریائی لِسانی روایت کے مطابق اردو کے مصوتے دیوناگری رسمِ خط میں حسبِ ذیل ہیں :
آٹھ خالِص مصوتے (Pure Vowels) :
دو دوہرے مصوتے (Diphthongs):
دیوناگری میں ان کی ماترائی شکلیں حسبِ ذیل ہوتی ہیں :
حرف کی ماترا مفقود ہے، اِس لیے کہ دیوناگری کے تمام مصمتوں (Consonants) میں یہ مُضمر تصور کیا جاتا ہے۔ سنسکرت میں جب کسی مصمتے کو بغیر کے یعنی ساکن دکھانا مقصود ہوتا ہے تو)\( کی شکل میں ’’ہل‘‘ کر دیتے ہیں۔ کے اس مضمر تصوّر سے آج ہندی پڑھنے میں نو مشقوں کو ایک سخت دِقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہندی زبان اب لسانی ارتقا کی اس منزل میں پہنچ چکی ہے جہاں ارکانِ تہجّی (Syllables) کے خاتمے پر مصمتے ساکن ہو جاتے ہیں۔ لیکن اِس تصوّر کی وجہ سے دیہاتی مکاتِب میں ابھی تک یُوں پڑھایا جا رہا ہے: بجائے چَلْتی یعنی متحرک بجائے ساکن کے۔ اِس اعتبار سے اردو کا جزم ( ْ ) زیادہ صحیح تلفّظ کی جانب رہبری کرتا ہے۔
عربی فارسی رسمِ خط میں مصوتوں کی مذکورہ بالا اقدار تین مکمل شکلوں (یعنی ا،و، ی) اور تین اعراب (زیر، زبر، پیش) کے علایم میں اظہار کی جاتی ہیں۔ باقی ماندہ انھیں سے مرکب شکلوں میں ظاہر کی جاسکتی ہیں۔ اگر دیوناگری کی ترتیب ملحُوظ رکھتے ہوئے ہم اپنے مصوتوں کو اردو رسمِ خط میں پیش کرنا چاہیں تو یہ شکلیں بنتی ہیں :
َ ا ، ِ ی ، ُ وٗ ، ے و ، ے۸ و۸ ۔
مثالیں :
مَل مال، مِل میٖل، مُل موٗل، میل مول، میل۸ مو۸ ل ۔
دیوناگری رسمِ خط اور سنسکرت صوتیات لِسانی نقطۂ نظر سے اہم ہونے کے باوجود بعض لسانی مغالطوں کا شکار ہے، مثلاً اور کے اظہار میں کو کی طویل شکل تسلیم کیا جاتا ہے۔ لیکن جَدید صوتیاتی تجزیے سے یہ بات پایۂ ثبوت کو پہنچ گئی ہے کہ ان مصوتوں میں صرف لمبائی کا اختلاف نہیں بلکہ مخارج کا بھی ہے۔ چنانچہ بین الاقوامی صوتیاتی رسمِ خط میں (جو رومن پر مبنی ہے) ان مخارج کے اختلافات کو پیشِ نظر رکھ کر ہر مصوتے کے لیے علاحدہ علامت مقرر کی گئی ہے:
مصوتوں کے چوکھٹے میں جو انسانی مُنہ کی علم الاشکال کی روشنی میں شکل پیش کرتا ہے، ان مصوتوں کو حسبِ ذیل انداز میں پیش کیاجاسکتا ہے:
اردو کے مصمتے (Urdu Consonants):
اردو مصمتوں کی تاریخ نہایت دِل چسپ ہے جب کہ مصوتے خالِص آریائی ہیں۔ مصمتوں میں ہندی، فارسی اور عربی آوازوں کی آمیزش پائی جاتی ہے۔ ان آوازوں کو حسبِ ذیل مرکبات میں پیش کیاجاسکتا ہے:
۱۔ خالِص ہندی آوازیں : بھ۔ پھ۔ تھ۔ ٹھ۔ جھ۔ چھ۔ کھ۔ گھ۔ دھ۔ ڈھ۔ ڑھ۔ ٹ۔ ڈ۔ ڑ۔
۲۔ خالِص فارسی: ژ۔
۳۔ خالِص عربی: ق۔
۴۔ ہندی فارسی مشترک: ب۔ پ۔ ت۔ ج۔ چ۔ د۔ ر۔ س۔ ش۔ ک۔ گ۔ ل۔ م۔ ن۔ و۔ ہ۔ ی۔
۵۔ ہندی عربی مشترک: ب۔ ت۔ ج۔ د۔ ر۔ س۔ ش۔ ک۔ ل۔ م۔ ن۔ و۔ ہ۔ ی۔
۶۔ فارسی عربی مشترک: ب۔ ت۔ ج۔ خ۔ د۔ ر۔ ز۔ س۔ ش۔ غ۔ ف۔ ک۔ ل۔ م۔ ن۔ و۔ ہ۔ ی۔
۷۔ ہندی فارسی عربی مشترک: ب۔ ت۔ ج۔ د۔ ر۔ س۔ ش۔ ک۔ ل۔ م۔ ن۔ و۔ ہ۔ ی۔
لیکن اردو رسمِ خط میں اس سے زیادہ حروف پائے جاتے ہیں ، مثلاً: ذ۔ ض۔ ظ۔ ط۔ ث۔ ص، وغیرہ۔
یہ تمام حرف ہیں صَوت نہیں۔ اردو رسمِ خط کے لیے ایک طرح سے وبالِ جان بنے ہوئے ہیں۔ عربی، فارسی لِسانی روایت کی دھاک ابھی تک اسی طرح قائم ہے کہ اصلاح کی تمام کوشِشوں کے باوجود ان سے چُھٹکارا نہیں مِل سکاہے۔ صوتیاتی نقطۂ نظر سے اردو کی اصوات کو حسبِ ذیل طور پر مرتب کیا جاسکتا ہے:
اردو کے مصمتے
دولبی دندانی معکوسی حنکی غشائی لہاتی (کوے کی)
غیر مسموع پ ت ٹ چ ک ق بندشی (اسپھوٹ) ہاکاری پھ تھ ٹھ چھ کھ
مسموع ب د ڈ ج گ
ہاکاری بھ دھ ڈھ جھ گھ
انفی (ناک کی) مسموع م ن
چستانی (رگڑالو) غیر مسموع ف س
ش خ ہ یا صفیری مسموع و ز
(ژ) غ
تالیکا مسموع
ر
پہلوئی مسموع
ل
تھپک دار مسموع
ڑ
مسموع (ہاکار)
ڑھ
نیم مصوتہ
ی
اس طرح اردو کے کُل مصمتے ۳۷ ہوتے ہیں (مقابلہ کیجئے تعدادِ حروف سے)۔ ان میں سے (ژ) سے مرکب الفاظ اس قدر کم ہیں کہ اس کا اخراج کیاجاسکتا ہے۔ صرف چند لفظ ہیں اژدحام، اژدہا، جن کی دوسری شکل ازدحام، ازدہا بھی رائج ہے۔
(لیکن مژہ اور مژگاں کا کیا کیجئے گا؟ اور خاص طور پر غالبؔ کی ’’مژ ہ ہائے دراز‘‘ کا۔ صرف ایک لفظ کی خاطر اسے آپ اردو صوتیات میں رکھنا چاہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں )۔
یہاں میں اردو رسمِ خط کی کم مایگی کی جانب اشارہ کر دینا ضروری سمجھتا ہوں ، یعنی ہاکار (ہائے مخلوط والی) آوازوں کی جانب۔ یہ آوازیں اپنی وسعت اور تقسیم کے باعث اردو کے نظامِ صوت کی مفرد آوازیں ہیں۔ ہندی رسمِ خط میں ان کے لیے علاحدہ حروف بھی قائم کیے گئے ہیں لیکن اردو حروفِ تہجی میں یہ مرکب آوازیں تصوّر کی گئی ہیں اور اِسی بنا پر اردو تدریس کا یہ انداز ہنوز جاری ہے کہ گ ھ ر زبر گھر، ب ھ زبر بھر جو صوتی نقطۂ نظر سے مہمل ہے کہ مبنی ہے حرف کے تصوّر پر_
مصمتوں کے سِلسلے میں اُن زائد حروف کا ذکر بھی ضروری ہے جو عربی سے لیے گئے ہیں اور جو ہمارے حروفِ تہجّی اور نظامِ درس کے لیے پیرِ تسمہ پا بنے ہوئے ہیں۔ میری مُراد__
ذ۔ ض۔ ظ۔ ط۔ ث۔ ص۔ ح، وغیرہ سے ہے۔
صوتی نقطۂ نظر سے یہ سب مُردہ لاشیں ہیں ، جسے اردو رسمِ خط اٹھائے ہوئے ہے، صرف اِس لیے کہ ہمارا لِسانی رشتہ عربی سے ثابت رہے۔
/ع/ کی شکل ذرا مختلف ہے۔ ہر چند یہ قریب المخرج مصوتے میں ضم ہو جاتا ہے، لیکن بعض جگہ ایک صوتی کھٹک بن کر اپنے اثرات ہمارے لہجے میں چھوڑ جاتا ہے۔ عام طور پر معلوم کو مالوم ، عرب کو اَرب اور مَنع کو مَناہی بولا جاتا ہے( قطع نظر چند عربی دانوں کے)، لیکن اِس قسم کے مقامات پردوسری صوت پائی جاتی ہے، مثلاً شعرا، (مسیحِ) موعود، جہاں / ع/ ایک مخصوص اعراب کی شکل میں قائم رہتا ہے۔
عربی فارسی کے جو مصمتے اُردو صوتیاتی نظام کا جزو بن گئے ہیں ، حسبِ ذیل ہیں :
ف۔ ز۔ خ۔ غ۔ ق۔
/ق/ کو چھوڑ کر یہ بیشتر رگڑ دار آوازوں کی صَف میں آتے ہیں۔ ان کا اثر اُردو شاعری کے صَوتی آہنگ پر کافی پڑا ہے۔ اور جو لوگ آہنگِ شعر کے اُصولوں کا مطالعہ کرتے ہیں اُن کے لیے یہ ایک علاحدہ دلچسپ مسٔلہ ہے۔
اردو کی انفی آوازیں اور ان کی خصوصیات
انفیت (Nasalization) کے عمل کا اردو صوتیات میں حسبِ ذیل انداز میں مطالعہ کیاجاسکتا ہے:
۱۔ انفی مصوتے (Nasalized Vowels)
۲۔ انفی مصمتے (Nasal Consonants)
۳۔ انفیاتی ہم آہنگی (Homorganic Nasalization)
۱۔ اردو کے تمام مصوتے (Vowels) انفیائے جاسکتے ہیں ،گو لفظ کے اندر ہر مقام پر یہ ممکن نہیں ، مثلاً:
ڈاٹ : ڈانٹ
باٹ : بانٹ
مَے : مَیں
گئی : گئیں
تھی : تھیں
ضمنی اور غیر اہم انفیت (Nasalization) کی مثالیں عام طور پر پائی جاتی ہیں ، مثلاً ایسے الفاظ جِن میں /م/ یا/ ن/ کے پاس واقع مصوتے انفی رنگ اختیار کر لیتے ہیں۔ اُردو کے بعض علاقوں بالخصوص دہلی اور اس کے اطراف میں اس کی مثالیں کثرت سے مِل جاتی ہیں جس کااثر ہمیں قدیم دکنی پر بھی نظر آتا ہے، مثلاً:
دہیں ، کونچے کونچے، آنگے (قدیم)۔
یا آنٹا، چانول، گھانس، جاناں (جدید)۔
یہ غیر ضروری انفیانا اُردو میں ناشستہ تلفّظ کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ اس لیے کہ اُردو میں جیسا کہ اُوپر مذکُور ہو چکا ہے،Nasalizationمعنی کی تبدیلی اور افعال کی تعداد وجنس کی وضاحت کے لیے بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
۲۔ جہاں تک کہ انفی مصمتوں کا تعلق ہے، اُردو میں صرف دو مصمتے ہیں :
/م/ اور /ن/ ۔
(ن ط) کی آواز اُردو نے اپنے ارتقا کے کسی دَور میں نہیں اپنائی۔ ہندی بولیوں میں بھی یہ عام طور پر /ن/ میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ جَدید ہندی میں بہت سے سنسکرت الفاظ کے Clusters کی طرح اس کا بھی تعلیم کے ذریعہ احیاء ہو رہا ہے۔
۳۔ /ن/ کی آواز جب کسی دوسرے مصمتے سے قبل واقع ہوتی ہے تو ہم آہنگ (Homorganic) ہو جاتی ہے ، مثلاً:
ن/ ب : انبہ
ن / ت / د : سنت، اندازہ
ن / ڈ/ ٹ : انڈا، انٹ
ن/ ج/چ : رنج، اِنچ
ن/ گ/ : رنگ، دنگ
لیکن جب یہ آواز عربی صوت / ق/ کے ساتھ واقع ہوتی ہے تو ہم آہنگ نہیں ہوتی، مثلاً:انقلاب، انقباض،انقسام ،وغیرہ۔
/ک/ کی آواز کے ساتھ میں حسبِ ذیل مُستثنیات مل جائیں گی:
انکار ، انکسار، انکشاف۔
/ن/ کا غیر آہنگ ہونا اس بات کی بھی دلیل ہوتا ہے کہ الفاظ مفرد نہیں بلکہ مرکب ہیں ، مثلاً: اَن مول،اَن میل، اَن پڑھ، اَن بَن، آن کے ، آن بان، وغیرہ۔ لیکن اردو صوتیات کے عام رُجحان کے تحت بعض مرکب الفاظ تک میں /ن/ ہم آہنگ ہو جاتا ہے، مثلاً کنٹوپ (کن +ٹوپ)،اَن دَاتا (اَن + داتا)، وغیرہ۔
اردو کی کوزی آوازیں
اردو میں کوزی یا معکوسی (Retroflex) آوازیں خالِص ہندوستانی بلکہ آریائی بھی نہیں ، بیشتر درادیدی لِسانی روایت کی دین ہیں۔ شاید اسی لیے یہ شمالی ہند کی آریائی زبانوں میں اس قدر نُمایاں نہیں جتنی کہ دراویدی زبانوں میں پائی جاتی ہیں۔ ہندی کے برعکس سنسکرت کی بعض معکوسی آوازوں کو اُردو نے اپنے ارتقا کے کسی دور میں قبول نہیں کیا، مثلاً:
( ش ط )
جو ہمیشہ اردو میں چھ یا کھ ، ن ، اور ش ہو جاتے ہیں۔
اردو کی معکوسی آوازیں حسبِ ذیل ہیں :
/ٹ/، /ڈ/ٗ/ڑ/ اور /ٹھ/ٗ/ ڈھ/ ،/ڑھ/ ۔
ان میں /ڈ/ڈھ/ڑ/ڑھ/ کی تقسیم اردو کے نظامِ صوت میں تکمیلی انداز میں پائی جاتی ہے جسے ایک جدول کے ذریعہ پیش کیاجاسکتا ہے۔ (دیکھئے نوٹ):
لفظوں کے ابتدا میں لفظوں کے درمیان میں لفظ کے آخر میں
ڈ P O O
ڈھ P O O
ڈّ (مشدّد)O P O
نڈ (انفی) O P P
ڑ O P P
ڑّ (مشدّد) O O O
ڑھ O P P
نڑ (انفی) O O P
تجزیاتی مشاہدات
۱۔ /ڈ/کی آواز صرف لفظوں کے شروع میں آتی ہے، مثلاً ڈر، ڈال، ڈول، وغیرہ۔ آخر میں یہ ہمیشہ نونِ غُنہ کے ساتھ آتی ہے۔ انگریزی کے مستعار لفظ مُستثنیات میں سے ہیں ، مثلاً روڈ، بورڈ، کارڈ۔ (۱)
۲۔ اردو کا کوئی لفظ /ڑ/ یا/ ڑھ/ سے شروع نہیں ہوتا۔
۳۔ /ڈھ/ کی آواز صرف الفاظ کی ابتدا میں پائی جاتی ہے۔ وسطی طور پر یہ مشدّد ہوتی ہے ، /ڈ/ کے ساتھ (مثلاً بڈّھا)۔ لفظ کے اختتام پر یہ /ڑھ/ کی شکل اختیار کر لیتی ہے، مثلاً علی گڈھ پر علی گڑھ فصیح ہے۔
/ڈھ/ اور / ڑھ/ کا باہمی ربط ذیل کی مثالوں سے بھی واضح کیاجاسکتا ہے:
بڈّھا یا بوڑھا
گڈّھا یا گڑھا
ٹھڈّی یا ٹھوڑی
/ر /اور/ڑ/ کا تعلق (فصاحت کے نطقۂ نظر سے):
پوری : پوڑی
کچوری : کچوڑی
کرور : کڑوڑ
ساری : ساڑی (ساڑھی)
پھلواری : پھلواڑی
اردو کے ہاکاری (نفسی) مصمتے(Urdu Aspirates)
/ہ/ کی چستانی یا صفیری (Fricative)آواز سے قطع نظر جو اردو زبان کا ایک حلقی صوتیہ ہے، دیگر ہند آریائی زبانوں کی طرح ہاکاری آوازیں اردو کی خصوصیت ہیں۔ ان کی کل تعداد گیارہ ہے۔ جن میں سے دس بندشی آوازیں ہیں اور ایک تھپک دار۔ تفصیل حسبِ ذیل ہے:
بندشی غیر مسموع : پھ تھ ٹھ چھ کھ
بندشی مسموع : بھ دھ ڈھ جھ گھ
تھپک دار مسموع : ڑھ
جیسا کہ پہلے لکھا جا چکا ہے، یہ آوازیں اردو کے صوتی نظام میں صوتیہ (Phoneme) کا حکم رکھتی ہیں اور دیوناگری لپی میں ان کے لیے مُستقل اور علاحدہ حروف بھی ہیں۔ لیکن اردو میں ہائے مخلوط کے استعمال کی وجہ سے انھیں متوازی غیر ہاکاری آوازوں کے تابع سمجھا گیا ہے اور اس لیے اردو حروفِ تہجی میں ان کی علاحدہ شکلوں کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔ مذکورہ بالا ہاکاری صوتیوں کی فہرست میں /لھ/، / مھ/ ، / نھ/، /رھ/ اور /وھ/ کا اضافہ کیاجاسکتا ہے۔ لیکن یہ بہت کم الفاظ میں آتے ہیں۔ اس لیے ان کا علاحدہ ذکر عام طور پر نہیں کیا جاسکتا۔ ان سے مرکب الفاظ کی مثالیں یہ ہیں :
کولھو، تمھارا، ننّھا، وھاں۔
ان ہاکاری آوازوں اور بُنیادی ہاکاری صوتیوں کا خاص فرق یہ ہے کہ جب کہ پٹ اور پھٹ، تک اور تھک، ٹاٹ اور ٹھاٹ، چل اور چھل، کل اور کھل، گن اور گھن اور ڈال اور ڈھال میں /پ/اور /پھ/،/ ت/ اور / تھ/،/ٹ/ اور/ ٹھ/،/ک/ اور /کھ/،/ گ/ اور /گھ/ اور /ڈ/ اور / ڈھ/ ممیز(Distinctive) آوازیں ہیں ، /نھ/، /لھ/،/ مھ/ وغیرہ ممیز نہیں ہیں۔
مصوتوں اور مصمتوں میں کمیت(Quantity)
ہندوستان کے قواعد نویسوں میں یہاں کی زبانوں کے مصوتوں کی کمیت کے بارے میں خاصی غلط فہمی رہی ہے۔ ناگری لپی کی تشکیل میں یقیناً یہ مغالطۂ صوتیاتی پوشیدہ ہے کہ مصوتوں کی قسمیں دو ہیں : (۱) لمبے، (۲) مختصر۔ اور یہ دونوں آپس میں بدل بھی جاتے ہیں۔ اردو رسمِ خط چونکہ عربی مصوتوں کا ترجمان ہے، اس لیے ہند آریائی صوتیاتی اقدار کی ادائگی میں اور زیادہ پیچیدگیاں پیدا ہو گئی ہیں ، مثلاً چھوٹے مصوتے (زبر، زبر، پیش) چونکہ لکھے نہیں جاتے اس لیے اردو رسمِ خط میں الفاظ کا تلفظ مسلسل بدلتا رہا ہے۔ صوتیاتی نقطۂ نظر سے اردو کے مصوتوں کی کمیت اس قدر اہم نہیں جس قدر کہ ان کی کیفیت۔
اردو میں دس مصوتے بنیادی ہیں۔ اس لیے َ ، کو آ، کی چھوٹی شکل سمجھنا بنیادی غلطی ہے۔ جب کہ ( َ ، ) ایک درمیانی وسطی مصوتہ ہے ،(آ) ایک زیر یں عقبی مصوتہ ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کی چھوٹی بڑی شکلیں نہیں۔ یہ ضرور ہے کہ ( َ ) کا طول (آ a) سے یقیناً کم ہے لیکن یہ طول کسی طرح ممیز نہیں۔ ’’آسمان‘‘ کو عوامی تلفظ میں ’’اَسمان‘‘ کہا جائے تب بھی کسی قسم کی معنیاتی تبدیلی وقوع پذیر نہیں ہوتی۔
۱۔ سنسکرت کے برعکس اردو کا کوئی لفظ ( َ ، ِ ، ُ ) یعنی چھوٹے مصوتوں پر ختم نہیں ہوتا۔
۲۔ طویل مصوتے /آ/، /ی /، /وٗ/ جب دوسے زیادہ رُکنِ تہجی(Syllable) رکھنے والے الفاظ میں آتے ہیں تو قدرے چھوٹے اَدا کیے جاتے ہیں۔ لیکن ان کی کمیت میں اختصار کے باوجود ان کی کیفیت (Quality) / َ /،/ ِ /،/ ُ / سے ممیز ہوتی ہے۔ لیکن جب یہی مصوتے ایک رُکنِ تہیجی والے الفاظ میں (مثلاً آ، جا، کھا) میں آتے ہیں تو یہ معمول سے زیادہ طویل اَدا کیے جاتے ہیں۔
۳۔ اردو مصوتوں کی لمبائی پر اس وقت بھی اثر پڑتا ہے جب کہ کسی مصوتے کے بعد آنے والا مصمتہ مسموع یا غیر مسموع ہوتا ہے۔ یہ مسموع کے پاس طویل تر ہو جاتا ہے اور غیر مسموع کے پاس مختصر ، مثلاً:
آ :ب(۱) /آپ/
آ : دھ /آٹھ/
ا : یڑھ /ایک/
۴۔ طویل مصوتے انفی مصمتے سے پہلے آئیں تو قدرے مختصر اَدا کیے جاتے ہیں۔ مقابلہ کیجئے:
دان کا دا : ل سے
چین (چی ن) کا چیل (چی :ل) سے
سیم (سے م) کا سیر (سے: ر) سے
۵۔ لیکن انفی مصوتوں کی صورتِ حال دیگر ہے۔ یہ طویل ہو جاتے ہیں ، مثلاً: چاند، گیند، ہینگ۔ ان کا مقابلہ چاد، گید، ہیگ سے کیجئے تو آخر الذکر الفاظ میں مصوتے مختصر ٹھیریں گے۔
مصمتوں کے خوشے ( (Consonantal Clusters
اردو کئی لحاظ سے آمیختہ زبان ہے لیکن اس کی صوتیات کے چوکھٹے میں مُستعار الفاظ کی ہڈیاں پسلیاں توڑ مروڑ کر دُرست کر دی جاتی ہیں۔ یہ عمل سب سے زیادہ Clusters میں نظر آتا ہے۔ اردو صوتیات کا عام رُجحان Clusters کے خلاف ہے۔ اتفاق سے عربی، فارسی، سنسکرت اور انگریزی جِن زبانوں سے اس نے اپنی لغت کا خزانہ بھَرا ہے Clusters سے بھَری پڑی ہیں۔ یہ Clusters عام طور پر الفاظ کے شروع میں آتے ہیں اور کبھی کبھی خاتمے پر بھی، جب کہ خاتمے کے خوشے کا اردو احترام کرتی ہے۔ لفظ کی ابتدا کے خوشے اس کے لیے ناقابلِ برداشت ہیں ، مثلاً:
سنسکرت: بَرہمن! بِرہمن :
پَرجا :
انگریزی: اِسپرٹ : (سپرٹ) Spirit
اِسٹیشن : ( سٹیشن) Station
اِسکول : (سکول) School
عربی: صَدَر : صَدْر
بَدَر : بَدْر
غَدَر : غَدْر
لیکن یہ امرِ واقعہ ہے کہ چونکہ عربی کے بیشتر اسیے الفاظ میں Cluster لفظ کے اختتام پر آتا ہے اِس لیے عِلمیت اور فصاحت یہی اشارہ کرتی رہتی ہے کہ غلط العام سے آگے بڑھ کر غلط العوام کی تہمت اپنے سَر نہ لی جائے، مثلاً:
تَخْت نہ کہ تَخَت، مُفْت نہ کہ مُفَتْ
ذِکر ْ نہ کہ ذِ کَرْ، وَقْت نہ کہ وَخَتْ۔
بڑی دِل چسپ بات یہ ہے کہ پنجاب، اور یو۔ پی کے مغربی اضلاع میں ایک رُجحان عوامی بولیوں میں یہ بھی موجود ہے کہ جہاں Cluster نہ ہو وہاں بھی شاید علمیت دکھانے کے لیے پیدا کر دیا جائے، مثلاً:
غَلَط کا غَلْط، شَرَف کا شَرْف
غَرَض کا غَرْض، مَرَض کا مَرْض ۔
مصمتوں کے خوشوں کے سلسلے میں یہ بُنیادی مسٔلہ بار بار ذہن میں اُٹھتا ہے کہ آیا اردو زبان ارتقا کے ان مَدارج پر پہنچ گئی ہے جہاں اس کا بولنے والا یہ کہہ سکے کہ:
مُستند ہے میرا فرمایا ہوا
اپنے فرمائے ہوئے کے مُستند ہونے کی شہادت کئی سوبرس پہلے ’دریائے لطافت‘ میں اِنشاَ اللہ خاں نے ان الفاظ میں دی ہے:
’’ہر لفظ جو اردو میں مشہور ہو گیا، عربی ہو یا فارسی، ترکی ہو یا سُریانی، پنجابی ہو یا پُوربی، از روئے اصل غلط ہو یا صحیح، وہ لفظ اردو کا لفظ ہے۔ اگر اصل کے موافق مُستعمل ہے تو بھی صحیح ہے اور اگر خلافِ اصل مُستعمل ہے تو بھی صحیح ہے۔ اس کی صحت و غلطی اردو کے استعمال پر موقوف ہے ،کیوں کہ جو کچھ خلافِ اردو ہے غلط ہے۔ ‘‘
اردو تعلیقیے عبدالعزیز خاں
اردو میں تشکیلِ الفاظ کے کئی طریقے رائج ہیں۔ ان میں سے ایک طریقہ جس سے بکثرت اردو الفاظ بنتے ہیں ، ’تعلیقیوں ‘ (Affixes) کا استعمال ہے۔ تعلیقیے ’بامعنی لسانی روپ ‘(Meaningful Linguistic Forms) ہوتے ہیں ، لیکن یہ کبھی تنہا استعمال نہیں کیے جاتے۔ ان کا وقوع ہمیشہ ’آزاد روپ‘ (Free Forms) کے ساتھ ہوتا ہے جسے ’آزاد صرفیہ (Free Morpheme) بھی کہتے ہیں۔ آزاد صرفیے کو ’لفظ‘ بھی کہہ سکتے ہیں۔ تعلیقیے چوں کہ تنہا استعمال نہیں کیے جاتے اور اپنے وقوع کے لیے آزاد روپ کے محتاج ہوتے ہیں ، اس لیے انھیں ’پابند روپ‘ (Bound Forms) کہتے ہیں۔ مثال کے طور پر اردو میں ’’لا‘‘ بمعنی ’نہ‘ / ’نہیں ‘ ایک پابند روپ ہے۔ اس کا استعمال آزاد روپ کے ساتھ ہوتا ہے جیسے، لا وارث، لا علاج، لاثانی، وغیرہ۔ اسی طرح ’’ور‘‘ بمعنی ’والا‘/ ’رکھنے والا‘ بھی ایک پابند روپ ہے اور آزاد روپ کے ساتھ استعمال ہوتا ہے جیسے، طاقت ور، جانور، نامور، وغیرہ۔ ان مثالوں میں ’’لا‘‘ اور ’’ور‘‘ دونوں تعلیقیے ہیں ، لیکن ان کی حیثیت پابند روپ کی ہے۔
جو لفظ خالص آزاد روپ یا آزاد صرفیے پر مشتمل ہوتا ہے، اسے ’سادہ لفظ‘ (Simple Word) کہتے ہیں ، مثلاً علاج، جان، نام، وغیرہ۔ اور جو لفظ آزاد روپ اور پابند روپ کو ملا کر تشکیل دیا جاتا ہے، اسے ’پیچیدہ لفظ‘ (Complex Word) کہتے ہیں ، مثلاً لاوارث، طاقت ور، جانور، وغیرہ۔ اگر دو آزاد روپ یا دو آزاد صرفیے ایک ساتھ ترکیب دیے جائیں تو ایسے لفظ کو ’مرکب لفظ‘(Compound Word) کہیں گے،مثلاً: خوب صورت، خرگوش، ڈاک گھر وغیرہ۔
تعلیقیے لفظ کی ابتدا میں بھی واقع ہوسکتے ہیں اور لفظ کے آخر میں بھی۔ اردو میں بعض تعلیقیے لفظ کی درمیانی حالت میں بھی واقع ہوتے ہیں۔ انھیں بنیادوں پر تعلیقیوں کی تین قسمیں بیان کی گئی ہیں :
۱۔ سابقے (Prefixes)
۲۔ لاحقے (Suffixes)
۳۔ و سطیے (Infixes)
۱۔ سابقے
سابقے وہ تعلیقیے ہیں جن کا استعمال لفظ کی ابتدائی حالت میں ہوتا ہے۔ یہ الفاظ آزاد روپ (آزاد صرفیے) ہوتے ہیں ، اور قواعد کی رو سے یہ اسم بھی ہو سکتے ہیں اور صفت اور فعل بھی۔ اردو میں عربی اور فارسی سے مستعار لیے گئے سابقوں کی تعداد بے شمار ہے، لیکن ہندی الاصل سابقے بھی اردو میں بکثرت استعمال کیے جاتے ہیں۔
(الف) عربی و فارسی سابقے:
= لا (= نہ، نہیں ): لا وارث، لا علاج، لازوال، لاثانی، لاجواب۔
= ذی (= والا، رکھنے والا): ذی روح، ذی شان، ذی علم، ذی وقار، ذی استعداد۔
= نا (=نہ، نہیں ): ناراض، نا ممکن، ناامید، نابالغ، نا پسند، نا مکمل، نادار، نا بینا، نا معلوم۔
= بد (=برا): بدنام، بد اخلاق، بد مزاج، بدتمیز، بدکردار، بدقسمت، بدصورت، بدذوق۔
= با (=ساتھ): با عزت، با ادب، با مقصد، با حیا، باقاعدہ۔
= پُر (=بھرا ہوا): پر اثر، پر درد، پر جوش، پر زور، پر مغز، پر نم۔
= نو (=نیا، تازہ): نونہال، نوعمر، نوجوان، نو مشق۔
= ہم (=شریک، ساتھی): ہم سفر، ہم وطن، ہم راز، ہم دم، ہم خیال، ہم درد۔
(ب) ہندی الاصل سابقے:
= اَ (=نہ،نہیں ): اٹل، ا مَر، ا تھاہ، اکارت۔
= اَن (=نہ ، نہیں ): انجان، ان پڑھ، ان ہونی۔
= نِ (=نہ ، نہیں ): نڈر، نِکما، نہتھا، نڈھال۔
= بہ (=کئی): بہروپ، بہروپیا۔
۲۔ لاحقے
لاحقے وہ تعلیقیے ہیں جن کااستعمال لفظ کے آخر میں ہوتا ہے۔ سابقوں کی طرح اردو میں لاحقے بھی عربی اور فارسی سے بکثرت مستعار لیے گیے ہیں ، لیکن ہندی الاصل لاحقوں کی تعداد بھی اردو میں کم نہیں ہے۔
(الف) عربی وفارسی لاحقے:
= ہ (لاحقۂ تانیث): شاعرہ، معلمہ، ادیبہ، عزیزہ، فن کارہ، اداکارہ، ملکہ، محترم، صاحبہ۔
= ی (یائے نسبتی) : آسمانی، حیوانی، انسانی، ملکی، قمری، شمسی، آبی، خیالی۔
= ات (لاحقۂ جمع) : خیالات، سوالات، جوابات، حالات، کمالات، باغات، درجات، کلمات ذرّات۔
= ین (لاحقۂ تثنیہ): والدین، زوجین، کونین، قبلتین، عیدین۔
= گار (=کرنے والا): گناہ گار، خدمت گار، طلب گار۔
= ستان (=جگہ): گلستان، ریگستان، نخلستان، ادبستان۔
= گاہ (=جگہ): آرام گاہ، شکارگاہ، سیرگاہ، خواب گاہ، عیدگاہ۔
= گر (=کرنے والا): رفوگر، بازی گر، نوحہ گر، فتنہ گر۔
= کدہ (=جگہ،گھر): آتش کدہ، مے کدہ، بت کدہ، ماتم کدہ، غم کدہ، دولت کدہ۔
= مند (=والا، رکھنے والا): ہُنر مند، فکرمند، دولت مند، عقل مند، دانش مند، حاجت مند، صحت مند، خرد مند۔
(ب) ہندی الاصل لاحقے:
= انا (=لاحقۂ ظرفی): گھرانا، مُہانا، ٹھکانا، تلنگانا۔
= انی (=لاحقۂ تانیث): شیخانی، ٹھکرانی، دیورانی،جٹھانی۔
= ن (=لاحقۂ تانیث): دھوبن، مالن، بھنگن، گھسیارن۔
= ی (=لاحقۂ تانیث): لڑکی، بکری، بلّی، لنگڑی، اندھی۔
= بھر (= لاحقۂ مقداری): دن بھر، پیٹ بھر، گھڑی بھر، رتی بھر، سیر بھر، عمر بھر۔
= ری (= لاحقۂ فاعلی): پجاری، بھکاری، جواری۔
= نی (=لاحقۂ تانیث): اونٹنی، شیرنی، فقیرنی، ڈومنی۔
= ر/ار (=لاحقۂ فاعلی): لوہار، سنار، چمار،کمھار۔
۳۔ وسطیے
وسطیے ان تعلیقیوں کو کہتے ہیں جن کا وقوع لفظ کی ابتدائی اور آخری حالتوں کو چھوڑ کر درمیانِ لفظ کہیں بھی عمل میں آسکتا ہے۔ ایسی صورت میں وسطیے کے تداخل سے اس لفظ کی تمام سابقہ آوازیں اسی ترتیب سے برقرار رہتی ہیں۔ اردو میں و سطیوں کی تعداد بہت کم ہے۔ یہ صرف چند عربی الفاظ میں ہی پائے جاتے ہیں ، مثلاً:
= ا (=وسطیۂ جمع) : تصاویر (کلمۂ واحد: تصویر)، تقاریر (تقریر)، تجاویز (تجویز)، تدابیر(تدبیر)، تفاسیر (تفسیر)، تراکیب (ترکیب)، مساجد (مسجد)، محافل (محفل)۔
= تشدید+ ا (وسطیۂ فاعلی): نقاش (نقش)، عکّاس (عکس)، نبّاض (نبض)، قہّار (قہر)، جبّار (جبر)۔
کتابیات:
۱۔ شوکت سبزواری، اردو لسانیات (ا لہٰ آباد: اسرار کریمی پریس، ۱۹۸۲ء)۔
۲۔ گیان چند جین، لسانی مطالعے ( نئی دہلی: ترقیِ اردو بورڈ، ۱۹۷۳ء)۔
۳۔ مرزا خلیل احمد بیگ، اردو کی لسانی تشکیل، تیسرا ایڈیشن (علی گڑھ: ایجوکیشنل بک ہاؤس، ۲۰۰۰ء)۔
***
اردو زبان کا تاریخی تناظر
ہندی اردو تنازعات اور معروضی حقائق کی روشنی میں
مرزا خلیل احمد بیگ
اردو زبان کی پیدائش، جائے پیدائش اور نشوونما کے بارے میں اردو کے عالموں ، محققوں اور لسانیات دانوں نے اب تک کافی غور و فکر اور چھان بین سے کام لیا ہے جس سے اس موضوع پر اردو میں لسانیاتی ادب کا ایک وقیع سرمایہ اکٹھا ہو گیا ہے۔ اردو کے جن عالموں نے اس موضوع پر تحقیقی نقطۂ نظر سے کام کیا ہے ان میں حافظ محمود خاں شیرانی، سید محی الدین قادری زور، مسعود حسین خاں ، عبدالقادر سروری، شوکت سبزواری اور گیان چند جین کے نام خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔
ان سے پیشتر میر امن، سرسیداحمد خاں ، امام بخش صہبائی، محمد حسین آزاد، شمس اللہ قادری اور سید سلیمان ندوی جیسے اردو کے ادیب و عالم بھی اردو زبان کے آغاز و ارتقا کے بارے میں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کر چکے تھے۔ ماضیِ قریب اور عہدِ حاضر کے بعض دیگر اہلِ علم و نظر بھی اردو کے آغاز و ارتقا کے مسائل اور اس کے تاریخی تناظر پر غور و خوض کرتے رہے ہیں ، مثلاً مولوی عبدالحق نے اپنے بعض خطبات میں ، پنڈت برج موہن دتاتریہ کیفی نے اپنی تصنیف ’’کیفیہ‘‘ میں ، سیداحتشام حسین نے ’’ہندستانی لسانیات کا خاکہ‘‘ (جان بیمز) کے مقدمہ میں ، جمیل جالبی نے ’’تاریخِ ادبِ اردو‘‘ (جلدِاول) میں ، سہیل بخاری نے ’’اردو کی زبان‘‘ میں اور شمس الرحمٰن فاروقی نے اپنی حالیہ تصنیف ’’اردو کا ابتدائی زمانہ‘‘ میں اردو کی پیدائش، مرزبوم نیز اس کے تاریخی ارتقا اور تناظر کو اپنی فکرو تحقیق کا موضوع بنایا ہے۔ ۔
اردو کے ان تمام ادیبوں ، عالموں ، محققوں اور ماہرینِ لسانیات کے خیالات و نظریات کا خلاصہ یہ ہے کہ اردو ایک مخلوط یا ’ملواں ‘ زبان ہے جو ہندوستان میں مسلمانوں کی آمد کے بعد شمالی ہندوستان میں معرضِ وجود میں آئی اور اس پر دہلی اور اس کے آس پاس کی بولیوں کے نمایاں اثرات پڑے۔ ان میں سے مسعود حسین خاں اردو کی پیدائش کو ’’دہلی اور نواحِ دہلی‘‘ سے، حافظ محمود خاں شیرانی ’’پنجاب‘‘ سے، سید سلیمان ندوی ’’وادیِ سندھ‘‘ سے ، اور سہیل بخاری ’’مشرقی مہاراشٹر‘‘ سے منسوب کرتے ہیں۔ اسی طرح محمد حسین آزاد کے خیال کے مطابق ’’اردو زبان برج بھاشا سے نکلی ہے‘‘۔ گیان چند جین کے نظریے کے مطابق ’’اردو کی اصل کھڑی بولی اور صرف کھڑی بولی ہے‘‘۔ اور مسعود حسین خاں کی تحقیق کی روسے’’قدیم اردو کی تشکیل براہِ راست دو آبہ کی کھڑی اور جمنا پار کی ہریانوی کے زیرِ اثر ہوئی ہے‘‘۔ علاوہ ازیں شوکت سبزواری اس نظریے کے حامل ہیں کہ اردو کا سرچشمہ ’’پالی‘‘ ہے۔ ان تمام عالموں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ اردو ایک خالص ہندوستانی زبان ہے۔ اس کا ڈھانچا یا کینڈا یہیں کی بولیوں کے خمیر سے تیار ہوا ہے۔ اس کے ذخیرۂ الفاظ کا معتدبہ حصّہ ہند آریائی ہے، لیکن عربی اور فارسی کے بھی اس پر نمایاں اثرات پڑے ہیں۔ یہ ہندوؤں اور مسلمانوں کی مشترکہ میراث ہے، کیوں کہ اس کی پیدائش کے دونوں ذمہ دار ہیں۔
یہ تھے اردو کے بارے میں اہلِ اردو کے خیالات و نظریات۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ غیر اردوداں طبقے بالخصوص انگریزی اور ہندی کے بعض عالموں اور دانشوروں کی اس بارے میں کیا ’سوچ‘ رہی ہے اور وہ کس زاویے سے اردو کے تاریخی تناظر پر غور کرتے رہے ہیں۔ اس ضمن میں جن انگریزی مصنفین کی تحریروں کا جائزہ یہاں پیش کیا گیا ہے ان میں جارج اے۔ گریرسن، جان ایف۔ کی، سنیتی کمار چٹرجی، امرت رائے، الوک رائے اور بال گووند مشر کے نام خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔ ہندی مصنفین میں چندر دھر شرما گلیری، ایودھیا پرشاد کھتری اور دھیریندر ورما کی تحریروں سے استفادہ کیا گیا ہے۔
(۲)
اس امر کا ذکر یہاں بیجا نہ ہو گا کہ شمالی ہندوستان کے جن علاقوں میں عرصۂ دراز سے اردو زبان رائج تھی، انھیں علاقوں میں تاریخ کے ایک مخصوص دور میں دیوناگری رسمِ خط میں لکھی جانے والی زمانۂ حال کی ہندی جسے ’’ناگری ہندی‘‘ کہتے ہیں ، کا ارتقا عمل میں آیا۔ اس کے اسباب لسانی سے زیادہ فرقہ وارانہ (Sectarian) تھے جن کی جڑیں ہندو احیاء پرستی میں پیوست تھیں۔ بعد میں انھیں عوامل نے ’’ہندی، ہندو، ہندوستان‘‘ کے نعرے کی شکل اختیار کر لی۔ یہاں کے مذہبی اکثریتی طبقے نے دیوناگری رسمِ خط کی شکل میں اس نئی زبان کو تقویت دینے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جس کے نتیجے میں اردو چشم زدن میں محض ایک اقلیتی طبقے کی زبان بن کر رہ گئی، اور ۱۹۴۷ء میں ملک کی تقسیم نے اس کے وجود پر ہی سوالیہ نشان لگا دیا۔
اردو کی بنیاد بلاشبہ کھڑی بولی پر قائم ہے۔ اس زبان کا باقاعدہ آغاز دہلی اور مغربی اتر پردیش (مغربی یوپی) میں ہوا، کیوں کہ کھڑی بولی علاقائی اعتبار سے مغربی یوپی کی بولی ہے۔ مغربی یوپی کا علاقہ بہ جانبِ شمال مغرب دہلی سے متصل ہے۔ اردو بشمولِ دہلی انھیں علاقوں میں بارھویں صدی کے اواخر میں معرضِ وجود میں آئی۔ تاریخی اعتبار سے یہ وہ زمانہ ہے جب دہلی پر ۱۱۹۳ء میں مسلمانوں کا سیاسی تسلط قائم ہوتا ہے اور ترکوں ، ایرانیوں اور افغانوں پر مشتمل مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد ترکِ وطن کر کے دہلی میں سکونت اختیار کر لیتی ہے۔ اس دور میں دہلی میں سکونت اختیار کرنے والوں میں پنجابی مسلمانوں کی بھی ایک کثیر تعداد تھی کیوں کہ یہ لوگ پنجاب سے ہی نقلِ مکانی کر کے دہلی پہنچے تھے۔ شمالی ہندوستان میں اس نئے سیاسی نظام کے قیام کے دور رس نتائج مرتب ہوے اور یہاں کا نہ صرف سیاسی منظرنامہ تبدیل ہوا، بلکہ اس کے اثرات یہاں کی سماجی اور تہذیبی و ثقافتی زندگی پر بھی پڑے۔ یہ تبدیلیاں لسانی صورتِ حال پر بھی اثر انداز ہوئیں۔ چنانچہ بعض وجوہ کی بنا پر کھڑی بولی کو، جو دہلی کے شمال مشرقی خطے میں یعنی مغربی یوپی میں رائج تھی، تقویت حاصل ہوئی اور اس کا چلن نہ صرف دہلی کے گلی کوچوں ، بازاروں ، میلوں ٹھیلوں نیز عوامی سطح پر ہو۱، بلکہ دھیرے دھیرے یہ ملک کے دوسرے حصوں میں بھی رائج ہو گئی۔ نووارد مسلمانوں اور مقامی باشندوں (جن کی یہ بولی تھی) کے باہمی میل جول کی وجہ سے اس میں عربی اور فارسی کے الفاظ داخل ہونا شروع ہوئے جس سے اس میں ’نکھار‘ پیدا ہو گیا۔ کھڑی بولی کے نکھار کا یہ زمانہ اردو کا ابتدائی زمانہ ہے۔ کھڑی بولی کے اس نئے اور نکھرے ہوئے روپ یا اسلوب کو ’’ہندی‘‘، ’’ہندوی‘‘ اور ’’ریختہ‘‘ کہا گیا اور اسی کو بعد میں ’’زبانِ اردوئے معلیٰ‘‘، ’’زبانِ اردو‘‘ اور بالآخر ’’اردو‘‘ کے نام سے موسوم کیا گیا۔ اس لسانی عمل میں ہریانوی بولی نے تقویت پہنچائی جو کھڑی بولی کی طرح(ا) یعنی الف پر ختم ہونے والی بولی ہے۔ اگر چہ لسانی اعتبار سے دہلی ہریانوی بولی کے حدود میں واقع ہے،لیکن ہریانوی بنیادی طور دہلی کے شمال مغربی علاقے کی بولی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مسعود حسین خاں قدیم اردو کی تشکیل میں کھڑی بولی کے ساتھ ہریانوی کا بھی ہاتھ بتاتے ہیں۔ ہریانوی کے یہ اثرات بعد میں زائل ہو جاتے ہیں۔
یہ ایک لسانیاتی حقیقت ہے کہ ہر زبان اولاً محض ایک ’بولی‘(Dialect) ہوتی ہے جس کا دائرۂ اثرورسوخ ایک چھوٹے سے علاقے یا خطے تک محدود ہوتا ہے۔ جب یہی بولی بعض ناگزیر اسباب اور تقاضوں کے ماتحت جن میں سیاسی، سماجی اور تہذیبی و ثقافتی تقاضے شامل ہیں ، اہم اور مقتدر بن جاتی ہے اور اس کا چلن عام ہو جاتا ہے اور یہ اپنی علاقائی حد بندیوں کو توڑ کر دور دراز کے علاقوں میں اپنا سکہ جمانے لگتی ہے تو ’زبان‘ کہلاتی ہے۔ پھر اس کا استعمال ادبی نیز دیگر مقاصد کے لیے ہونے لگتا ہے اور اس کی معیار بندی (Standardisation)بھی عمل میں آتی ہے جس سے یہ ترقی یافتہ زبان کے مرتبے تک پہنچ جاتی ہے۔ اردو جو ایک ترقی یافتہ اور معیاری زبان ہے، اس کی کُنہ میں یہی کھڑی بولی ہے اور یہی اس کی بنیاد اور اصل واساس ہے۔ ہند آریائی لسانیات کی روشنی میں یہ بات نہایت وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ اردو کھڑی بولی کی ہی کوکھ سے پیدا ہوئی ہے بعد میں اس پر نواحِ دہلی کی دوسری بولیوں کے اثرات پڑے۔ یہ ایک تاریخی اور لسانی حقیقت ہے کہ کھڑی بولی کے اس نئے اور نکھرے ہوئے روپ کو سب سے پہلے نووارد مسلمانوں اور ان کے بعد کی نسلوں نے اپنی توجہ کا مرکز بنایا۔ اسے نکھارا، سنوارا اور جِلا بخشی جس سے یہ زبان اس لائق بن گئی کہ اسے ادبی مقاصد کے لیے استعمال کیاجاسکے، چنانچہ اس زبان کا ادبی استعمال بھی سب سے پہلے مسلمانوں نے ہی کیا۔
چوں کہ کھڑی بولی کا اردو کے ساتھ ماں اور بیٹی کا رشتہ ہے اور کھڑی بولی شورسینی اپ بھرنش سے پیدا ہوئی ہے، لہٰذا اس رشتے کی وجہ سے اردو ایک ہند آریائی زبان قرار پاتی ہے۔ کھڑی بولی کا براہِ راست تعلق شورسینی اب بھرنش یا مغربی اپ بھرنش سے ہے جو وسطی ہند آریائی دور (۵۰۰ قبلِ مسیح تا ۱۰۰۰ سنہِ عیسوی) کی آخری یادگار ہے۔ شورسینی اپ بھرنش (مغربی اپ بھرنش) بشمولِ دہلی اور پنجاب شمالی ہندوستان کے ایک وسیع علاقے میں رائج تھی۔ ۱۰۰۰ سنہِ عیسوی تک پہنچتے پہنچتے اس نے دم توڑ دیا اور اس کے بطن سے متعدد بولیاں معرضِ وجود میں آئیں جو انھیں علاقوں میں رائج ہوئیں جہاں شورسینی اپ بھرنش بولی جاتی تھی۔ انھیں بولیوں میں سے ایک بولی ’کھڑی بولی‘ کہلائی جس کا ارتقا دہلی اور دہلی کے شمال مشرقی علاقے یعنی مغربی اتر پردیش (مغربی یوپی) میں ہوا جس نے بعد میں نکھر کر ایک نیا روپ اختیار کر لیا۔ کھڑی بولی کا یہی نیا اور نکھرا ہوا روپ ’’ہندی‘‘ اور ’’ہندوی‘‘ کہلایا جو ہماری آج کی ’’اردو‘‘ کے قدیم نام ہیں۔ شورسینی اپ بھرنش سے پیدا ہونے والی دیگر بولیاں ہریانوی، برج بھاشا، بندیلی اور قنوجی ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں رائج ہوئیں۔ جارج گریرسن نے اپنےLinguistic Survey of India =(لسانیاتی جائزہ ہند) میں ان پانچوں بولیوں کو’’ مغربی ہندی‘‘ کے نام سے موسوم کیا ہے۔ مغربی ہندی کسی مخصوص زبان کا نام نہیں ، بلکہ انھیں پانچوں بولیوں کے مجموعے کا نام ہے۔ ان کے علاوہ پنجابی اور گجراتی زبانوں کا تعلق بھی شورسینی اپ بھرنش ہے کہ یہ زبانیں بھی ۱۰۰۰ سنہِ عیسوی کے بعد شورسینی اپ بھرنش کی کوکھ سے پیدا ہوئی ہیں۔
کھڑی بولی کی بنیادی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے اسماء، ضمائر، صفات اور افعال بالعموم طویل مصوتے -a یعنی(ا) پر ختم ہوتے ہیں ، مثلاً لڑکا، بیٹا (اسم)، میرا (ضمیر)، بڑا (صفت)، آیا، گیا (فعل)۔ ذیل کے دونوں جملے کھڑی بولی کے ہیں :
۱۔ ساون آیا۔
۲۔ میرا بڑا بیٹا دلّی گیا۔
چوں کہ لسانیاتی اعتبار سے اردو نے کھڑی بولی کا ڈھانچا اختیار کیا ہے، لہٰذا اس خصوصیت کی بنا پر یہ دونوں جملے اردو کے جملے بھی کہے جائیں گے۔ اس کے علی الرغم شورسینی اپ بھرنش کی ایک دوسری بولی برج بھاشا میں ، جس کا ارتقا دہلی کے جنوب مشرقی علاقے (متھرا، آگرہ، وغیرہ) میں ہوا، اسما، ضمائر، صفات اور افعال بالعموم ایک دوسرے مصوتے -o یعنی(و) پر ختم ہوتے ہیں ، مثلاً لڑکو، بیٹو میرو،بڑو،آیو، گیو، وغیرہ۔ کھڑی بولی کے مذکورہ دونوں جملے برج بھاشا میں یوں ادا کیے جائیں گے:
۱۔ ساون آیو۔
۲۔ میرو بڑو بیٹو دلّی گیو۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اردو نے اپنے ارتقا کے کسی بھی مرحلے میں برج بھاشا کی ان شکلوں کو اختیار نہیں کیا۔ اردو کی شناخت روزِ اول سے ہی اس کا کھڑی بولی پر مبنی ہونا ہے۔ یہ ضرور ہے کہ تاریخ کے مختلف ادوار میں اردو پر دیگر بولیوں کے اثرات پڑتے رہے ہیں ، جیسے کہ قدیم (دکنی) اردو پر ہریانوی (دہلی کے شمال مغربی علاقے کی بولی) کے اثرات مرتسم ہوئے۔ لیکن اردو کا بنیادی ڈھانچا یا کینڈا جو کھڑی بولی پر مبنی ہے کبھی تبدیل نہیں ہوا۔
جیسا کہ پہلے کہا جا چکا ہے کہ کھڑی بولی کے نکھار کا زمانہ اردو کا ابتدائی زمانہ ہے۔ یہیں سے کھڑی بولی، اردو کی شکل میں اپنا نیا روپ اختیار کرتی ہے۔ کھڑی بولی کے اس روپ کو ہم اردو کا ابتدائی روپ یا’’ قدیم اردو‘‘ کہیں گے۔ ’’ہندی‘‘، ’’ہندوی‘‘ اور ’’ریختہ‘‘ سے بھی قدیم اردو ہی مراد ہے۔ اردو کا قدیم نام ’’ہندی‘‘ بعد کے دور تک یعنی بیسویں صدی کے اوائل تک رائج رہا (اگرچہ اس کا ’’اردو‘‘ نام بھی استعمال ہوتا رہا)۔ اردو کے مستند ادیبوں میں غالبؔ کے علاوہ علامہ اقبال نے بھی اردو کے لیے ’’ہندی‘‘ کا لفظ استعمال کیا ہے۔ اقبالؔ اپنی مثنوی ’’اسرارِ خودی‘‘ میں فرماتے ہیں :
گرچہ ہندی درعذوبت شکر است
طرزِ گفتارِ دری شیریں تراست
=(اگرچہ اردو مٹھاس میں شکر کی طرح ہے، لیکن فارسی اس سے بھی زیادہ میٹھی زبان ہے۔ )
یہاں ’’ہندی‘‘ سے اردو زبان اور ’’دری‘‘ سے فارسی زبان مراد ہے۔
لہٰذا قدیم فارسی تذکروں ، تاریخ کی کتابوں اور اس زمانے کی ادبی تصانیف میں مستعمل لفظ ’’ہندی‘‘ سے زمانۂ حال کی ہندی مراد لینا سراسر نادانی ہے۔ جس وقت ہماری آج کی اردو کی ابتدائی یا قدیم شکل کے لیے ’’ہندی‘‘، ’’ہندوی‘‘ اور ’ریختہ‘‘ جیسے نام رائج ہوئے تھے اس وقت زمانۂ حال کی ہندی یا دیوناگری ہندی کا کہیں وجود نہیں تھا۔ زمانۂ حال کی ہندی (جو دیوناگری رسمِ خط میں لکھی جاتی ہے)درحقیقت انیسویں صدی کے اوائل کی اختراع ہے، جب کہ اردو کے یہ نام بارھویں -تیرھویں صدی سے رائج ہیں۔ لہٰذا موجودہ ہندی بولنے والوں کا یہ خیال یا عقیدہ کہ یہ ہندی قدیم زمانے سے موجود ہے، صحیح نہیں ہے۔ ان کا یہ دعویٰ بھی صحیح نہیں ہے کہ اس کے ادب کا آغاز امیر خسرو (۱۲۵۳ء تا ۱۳۲۵ء) سے ہوتا ہے۔
اس امر کا ذکر یہاں بیجا نہ ہو گا کہ لفظِ ’’ہندی‘‘ نہ تو ہندی الاصل ہے اور نہ سنسکرت نژاد۔ اسی طرح نہ یہ تدبھو ہے اور نہ تتسم۔ یہ لفظ خالص فارسی ترکیب سے بنا ہے۔ نووارد مسلمانوں نے جب یہاں سکونت اختیار کی تو انھوں نے اس ملک کو ’’ہند‘‘ کے نام سے یاد کیا۔ لفظِ ’’ہند‘‘ کی تشکیل ’’سندھ‘‘ کی ’’س‘‘ کی ’’ہ‘‘ (ہائے ہوز) میں تبدیلی سے عمل میں آئی ہے، کیوں کہ سنسکرت کے بعض الفاظ کی ’’س‘‘ فارسی میں ’’ہ‘‘ میں بدل جاتی ہے، مثلاً سنسکرت ’’سپت‘‘ فارسی ’’ہفت‘‘(بمعنی ’سات‘)، یا سنسکرت ’’سپتاہ‘‘فارسی ’’ہفتہ‘‘، وغیرہ۔ سندھ اگر چہ ایک دریا کا بھی نام ہے، لیکن عہدِ قدیم میں سندھ سے شمالی ہندوستان مراد لیتے تھے جس میں پنجاب سے لے کر بنگال تک کا میدانی علاقہ شامل تھا۔ یہی لفظ ’’سندھ‘‘ فارسی میں ’’ہند‘‘ بن گیا جس کے آخر میں یائے نسبتی جوڑ کر ہندی (ہند+ی) بنا لیا گیا۔ اس طرح لفظِ ’’ہندی‘‘ خالص مسلمانوں کی ایجاد اور دین ہے۔ چنانچہ ’’ہندی‘‘ سے مراد ہند یعنی ہندوستان سے نسبت یا تعلق رکھنے والا یا ہند میں سکونت اختیار کرنے والا قرار پایا۔ یہی لفظ ہند میں بولی جانے والی بولیوں کے لیے بھی استعمال کیا جانے لگا۔ جب مسلمانوں نے ۱۱۹۳ء میں دہلی پر اپنا سیاسی تسلط قائم کیا تو ان کا واسطہ یہاں کی کھڑی بولی سے پڑا جسے وہ دھیرے دھیرے اپنا تے گئے۔ انھوں نے اسے ’’ہندی‘‘ اور کبھی کبھی ’’ہندوی‘‘ کہنا شروع کیا۔ بعد میں اسی زبان کو ’’ریختہ‘‘ بھی کہا گیا۔ ’’ہندی‘‘، ’’ہندوی‘‘ اور ’’ریختہ‘‘__ یہ اردو زبان کے ہی مختلف نام ہیں جو قدیم زمانے میں پڑے۔ بلکہ جیسے جیسے یہ زبان ترقی کرتی گئی اور پھیلتی گئی، اس کے نام پڑتے گئے۔ علاقائی اعتبار سے بھی اس کے کئی نام پڑے، مثلاً ’’دہلوی‘‘، ’’دکنی‘‘، ’’دکھنی‘‘، ’’گجری‘‘، وغیرہ۔ یہ بات درست ہے کہ اس کا ’’اردو‘‘ نام بہت بعد میں پڑا یعنی اٹھارہویں صدی کے ربعِ آخر میں ، جب مصحفی نے یہ شعر کہا (اس سے پہلے اسے ’’زبانِ اردوئے معلیٰ‘‘ یعنی ’شہرِ معلیٰ! قلعۂ معلیٰ! دربارِ معلیٰ کی زبان‘ بھی کہا گیا):
خدا رکھے زبان ہم نے سنی ہے میرو مرزا کی
کہیں کس مُنہ سے ہم اے مصحفی اردو ہماری ہے
لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ اس سے پہلے اردو زبان کا وجود نہ تھا۔ جیسا کہ پہلے کہا جا چکا ہے کہ اردو شمالی ہندوستان میں بارھویں صدی کے اواخر میں کھڑی بولی کی شکل میں معرِضِ وجود میں آئی۔ نووارد مسلمانوں اور ان کے بعد کی نسلوں کے لائقِ اعتنا سمجھنے سے یہ چمک اٹھی اور اس میں ادب بھی پیدا ہونے لگا۔ پھر جیسے جیسے یہ ترقی کی منزلیں طے کرتی گئی اس کا ادبی سرمایہ وقیع تر ہوتا گیا۔ اس میں قطعی کسی شک و شبہ کی گنجائش نہیں کہ اردو زبان زمانۂ حال کی ہندی سے قدیم تر زبان ہے کیوں کہ اس کا ادبی استعمال آج سے سات سوسال قبل شروع ہو چکا تھا، جب کہ زمانۂ حال کی ہندی (کھڑی بولی ہندی/ناگری ہندی/ اعلیٰ ہندی) کو پیدا ہوئے ابھی صرف دو سو سال ہوئے ہیں۔ اس لسانی حقیقت کا اعتراف بعض انگریزی اور ہندی مصنفین نے بھی کیا ہے جس کا ذکر اگلی شقوں میں آئے گا۔
(۳)
ہند آریائی لسانیات کے ممتاز عالم سنیتی کمار چٹر جی اپنی تصنیف Indo-Aryan and Hindi =( ہند آریائی اور ہندی) میں کھڑی بولی کے اس نئے اور نکھرے ہوئے روپ کو جس کا ارتقا دہلی میں ۱۱۹۳ء میں مسلم حکومت کے قیام کے بعد عمل میں آیا "modified Western Apabharamsa" =(ترقی یافتہ مغربی اپ بھرنش) کے نام سے موسوم کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ اس دور میں شمالی ہند کے میدانی علاقوں کے عوام کی مشترکہ زبان کی حیثیت سے موجود تھی:
"After the settlement of the Turks and Iranis and the establishment of the first Muhammadan ruling house in Delhi, a modified Western Apabhramsa was all that was ready as a Common Language for the masses of the North Indian Plains". (P. 196).
=(ترکوں اور ایرانیوں کے سکونت پذیر ہونے اور دہلی میں پہلی بار مسلم حکمرانی کے قیام کے بعد صرف ترقی یافتہ مغربی اپ بھرنش ہی شمالی ہندوستان کے میدانی علاقوں کے عوام کی مشترکہ زبان کی حیثیت سے موجود تھی۔ )
چٹرجی ’’ترقی یافتہ اپ بھرنش‘‘ سے کھڑی بولی کے نکھرے ہوئے روپ کے علاوہ کوئی اور بولی یا زبان مراد نہیں لیتے، مثلاً شور سینی اپ بھرنش (مغربی اپ بھرنش) کی ایک دوسری بولی برج بھاشا کے بارے میں وہ یہ کہتے ہیں کہ اسے سولھویں صدی میں اہمیت حاصل ہوئی، پھر بھی یہ مخصوص ادبی بولی رہی، عوامی بولی نہ بن سکی۔ چٹرجی کھڑی بولی کے اسی نکھرے ہوئے روپ یا ’’ترقی یافتہ مغربی اپ بھرنش‘‘ کو "Hindusthani" =(ہندوستھانی) کے نام سے بھی موسوم کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ بارھویں _تیرھویں صدی کے بعد کا زمانہ اس کی نشوونما کے لیے نہایت سازگار تھا۔ چٹرجی کی ’’ہندوستھانی‘‘ درحقیقت کھڑی بولی کا ہی نکھرا ہوا روپ ہے جسے ہم ’’اردو‘‘ کا قدیم روپ کہتے ہیں۔ زبان کی اسی شکل کو یعنی آج کی اردو کے قدیم روپ کو ہی ’’ہندی‘‘، ہندوی‘‘ اور ’’ریختہ‘‘ کہا گیا۔ چٹرجی اپنی ’’ہندوستھانی‘‘ کے بارے میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’یہ وقت کی ضرورت کے ما تحت معرضِ وجود میں آئی۔ خاس طور پر اس کی ضرورت مسلمان حکمرانوں کو تھی جو بدیسی تھے اور یہاں کی کوئی زبان نہیں سمجھتے تھے۔ ‘‘ آگے چل کر اسی ’’ہندوستھانی‘‘ کے بارے میں چٹر جی یوں اظہارِ خیال کرتے ہیں :
"Nobody began it deliberately and formally as a new language: it was an imperceptible development out of the -a dialect of Western Hindi, stimulated by the Panjabi speech of the first Indian Muslims. It was spoken in the bazaars of Delhi as a matter of course, because Delhi is within the Bangaru tract, where we have an -a dialect. It was not an artificial langauge that grew up in the court and camp of the Turki rulers at Delhi. Its first name was Hindi or Hindwi (Hindawi), which simply meant '(the language) of Hind' or India, or 'of the Hindus.' The other name, Zaban-e-Urdu or 'the language of the Camp', arose much later__ as late as the end of the 17th century, when the Delhi speech was much in evidence in the Deccan with the Mogul emperor sending and leading expedition after expedition against the Deccan Muslim states and the Marathas" ( P. 197).
=(اسے کسی نے نئی زبان کی حیثیت سے شعوری اور با ضابطہ طور پر ایجاد نہیں کیا: یہ تو مغربی ہندی کی -a (ا) بولیوں کے غیر محسوس ارتقا کا نتیجہ تھی، اور اسے اولین ہندوستانی مسلمانوں کی پنجابی زبان سے تقویت حاصل ہوئی تھی۔ یہ آگے چل کر دہلی کے بازاروں میں بولی جانے لگی کہ دہلی بانگٹرو کے علاقے میں واقع ہے جہاں (-a)۱ بولی رائج ہے۔ یہ دہلی کے ترک حکمرانوں کے دربار یا لشکر میں ارتقا پذیر ہونے والی کوئی مصنوعی زبان نہ تھی۔ اس کا پہلا نام ’’ہندی‘‘ یا ’’ہندوی‘‘ (’’ہندَوی‘‘) تھا جس کا سیدھا سا مطلب ہے ہندوستان یا ’ہند کی (زبان)‘، یا ’ہندوؤں کی (زبان)‘۔ اس کا دو سرا نام ’’زبانِ اردو‘‘ یعنی ’لشکر کی زبان‘ بہت بعد کی یعنی سترھویں صدی کے اواخر کی پیداوار ہے۔ اس زمانے میں دہلی کا مغل شہنشاہ دکن کی مسلم ریاستوں اور مراٹھوں کے خلاف پے درپے لشکر بھیج رہا تھا اور ان کی رہنمائی کر رہا تھا اور اسی کے ساتھ دہلی کی زبان دکن میں اپنا سکہ جما چکی تھی)۔
چٹرجی کا ’’زبانِ اردو‘‘ سے ’لشکر کی زبان‘ مراد لینا اگرچہ محلِ نظر ہے، لیکن وہ یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ دہلی کی ہی زبان دکن پہنچتی ہے۔ دہلی کی اس زبان کو وہ ’’ہندوستھانی‘‘ کہتے ہیں اور اس کا پہلا نام ’’ہندی‘‘ یا ’’ہندوی‘‘ بتاتے ہیں اور اسی کا دوسرا نام ’’زبانِ اردو‘‘ تسلیم کرتے ہیں۔ اس سے یہ بات پوری طرح واضح ہو جاتی ہے کہ چٹر جی کے نزدیک ’’ہندی‘‘ یا ’’ہندوی‘‘ اردو زبان کا ہی قدیم نام ہے اور یہی زبان (یعنی اردو) ’’ہندوستھانی‘‘ ہے۔ چٹرجی نے اپنی مذکورہ کتاب کے صفحہ ۲۰۶ پر اردو کو شمالی ہندوستان کی ہندوستھانی کے مترادف مانا ہے اور اس کے لیے "Northern Hindusthani or Urdu" =( شمالی ہندوستھانی یا اردو)کے الفاظ استعمال کیے ہیں۔ اسی طرح انھوں نے دکن میں فروغ پانے والی ’’ہندی‘‘ (قدیم مفہوم میں ) کو ’’دکنی اردو‘‘ کہا ہے جس کا آغاز ان کے خیال کے مطابق ’’ہندوستھانی کی ہمسر‘‘ کے طور پر ہوا اور جس میں ادبی روایت پندرھویں صدی سے شروع ہوئی:
"The Deccan Urdu or Hindi literary tradition thus started in the 15th century with what may be called a sister form of Hindusthani; and this tradition continued to have quite a flourishing life, until it merged into that of Northern Hindusthani or Urdu, after paving the way for the latter" (P. 206).
=(اس طرح دکنی اردو یا ہندی ادبی روایت کا آغاز پندرھویں صدی میں ہندوستھانی کی ہمسر کے طور پر ہوا اور یہ روایت پھلتی پھولتی اور پروان چڑھتی رہی، یہاں تک کہ شمال کی ہندوستھانی یا اردو کے لیے راستہ ہموار کر کے اس کی روایت میں ضم ہو گئی۔ )
اردو کے آغاز و ارتقا کے بارے میں چٹرجی کے یہ بیانات نہایت معقول ہیں اور تاریخی ولسانی حقائق پر مبنی ہیں ، لیکن جیسا کہ اہلِ علم جانتے ہیں کہ انھوں نے اپنی عالمانہ تصنیف Indo-Aryan and Hindi =( ہند آریائی اور ہندی) میں بڑے متضاد اور گمراہ کن نظریات پیش کیے ہیں اور اردو کے بارے میں ان کا ذہن صاف نہیں ہے۔ چٹرجی کی مذکورہ کتاب کے یہ اقتباسات اگرچہ اب تک کے اردو زبان کے ارتقا اور اس کے تاریخی تناظر کی نہایت صاف، واضح اور روشن تصویر پیش کرتے ہیں ، لیکن حیرت ہوتی ہے جب وہ اسی کتاب میں اردو کے مقابلے میں اچانک زمانۂ حال کی ہندی کو لا کھڑا کرتے ہیں اور ’’ہندوستھانی‘‘ کی اصطلاح کو، جسے وہ اردو کا مترادف مانتے آئے تھے اچانک ’’ناگری ہندی‘‘ کے لیے استعمال کرنے لگتے ہیں اور اردو کو ’’ہندوستھانی‘‘ کی محض ایک ’’شکل‘‘ قرار دیتے ہیں۔ وہ دکن میں ارتقا پانے والی اردو کے پورے ادبی سرمایے پر خطِ تنسیخ کھینچتے ہوئے کہتے ہیں کہ سترھویں صدی کے خاتمے سے قبل ادبی زبان کی حیثیت سے اردو کا کوئی وجود ہی نہیں تھا۔ چٹرجی کا یہ بیان علمی دیانت داری کے منافی ہے جسے اردو زبان و ادب کا کوئی بھی مورخ یا محقق تسلیم نہیں کرسکتا:
"This Urdu form of Hindusthani was not in existence as a literary language prior to the end of the 17th century". (P. 162).
=(ہندوستھانی کی اس اردو شکل کا سترھویں صدی کے خاتمے سے قبل ادبی زبان کی حیثیت سے کوئی وجود نہیں تھا۔ )
یہ بات نہایت دلچسپ ہے کہ چٹر جی نے اپنی اس کتاب میں شمال میں امیرخسرو (۱۲۵۳ تا ۱۳۲۵ء) کی ادبی کاوشوں کا اور دکن میں اردو کے ادبی سرمایے کا ذکر تفصیل سے کیا ہے۔ انھوں نے اس امر کا اعتراف کیا ہے کہ ’’ہندوستھانی‘‘ کو ادبی مقاصد کے لیے استعمال کرنے میں دکن نے پہل کی اور شمالی ہندوستان کے لیے ایک نمونہ قائم کیا۔ چٹرجی ’’ہندوستھانی‘‘ کا قدیم نام ’’ہندی‘‘ اور ’’ہندوی‘‘ پہلے ہی تسلیم کر چکے ہیں اور اس کا دوسرا نام ’’زبانِ اردو‘‘ بھی مان چکے ہیں۔ امیر خسرو کے عہد کی زبان کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے پھر یہ بات دہرائی کہ اس زمانے میں دہلی کے آس پاس جس زبان کی نشو و نما ہو رہی تھی اس کا اصلی نام ’’ہندی‘‘ یا ’’ہندوی‘‘ تھا جسے وضاحت کے ساتھ بیان کرنے کے لیے کبھی کبھی ’’دہلوی‘‘ بھی کہہ دیا کرتے تھے۔ چٹرجی نے اسی زبان کے لیے کہیں کہیں ’’دہلوی اردو‘‘ کی اصطلاح بھی استعمال کی ہے۔ چٹرجی نے میراں جی، شاہ برہان الدین جانم، خواجہ بندہ نواز گیسودراز، شاہ امین الدین اعلیٰ، محمد قلی قطب شاہ، ملا وجہی اور میاں خوب محمد چشتی جیسے دکنی مصنفین کی شعری و نثری تصانیف کے حوالوں سے یہ بات پایۂ ثبوت تک پہنچا دی ہے کہ دکن میں ’’اردو‘‘ نے چودھویں ، پندرھویں ، سولھویں اور سترھویں صدی کے دوران ادبی زبان کی حیثیت سے نمایاں ترقی کی جس سے وہاں ایک "distinctive literary standard" =(ممتاز ادبی معیار) قائم ہو گیا۔ اس کے با وصف چٹرجی کا یہ کہنا کہ سترھویں صدی کے خاتمے سے قبل ادبی زبان کی حیثیت سے ’’اردو‘‘ کا کوئی وجود نہیں تھا، نہایت حیران کن ہے۔
اٹھارہویں صدی کے اوائل میں ولیؔ کی دہلی میں آمد اور ان کی اردو شاعری کا ذکر کرتے ہوئے چٹرجی لکھتے ہیں کہ ’’اس طرح ادبی زبان کی حیثیت سے ہندو ستھانی کی اردو شکل وجود میں آئی‘‘، لیکن چٹرجی یہ بھول گئے کہ شمالی ہند میں اردو شاعری کا آغاز ’’ریختہ‘‘ کی شکل میں ولیؔ کی دہلی میں آمد سے بہت پہلے امیر خسرو کے ہاتھوں ہو چکا تھا، اور اسی ریختہ کی روایت میں ۱۶۲۵ء سے قبل محمد افضل افضلؔ (م ۱۶۲۵ء) اپنی طویل مثنوی ’’بکٹ کہانی‘‘ (بارہ ماسہ) تخلیق کر چکے تھے نیز روشن علی نے ۱۶۸۸ء میں ’’عاشور نامہ‘‘ کے نام سے واقعاتِ کربلا سے متعلق ایک طویل نظم لکھی تھی۔
چٹرجی نے مزید حیرت میں ڈال دینے والی ایک اور بات کہی ہے۔ وہ اردو کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ’’یہ صاف طور پر مسلمانی زبان ہے اور اپنے رجحان اور رویّے کے اعتبار سے بڑی حد تک غیر ہندوستانی ہے‘‘:
"... a language which is frankly Muhammadan and largely extra-Indian in its inspiration and attitude". (P. 224).
دکنی اردو کے ادبی سرمایے کے بارے میں چٹرجی یہ کہہ چکے ہیں کہ یہ’’ ہندی ادبی روایت‘‘ سے مملو ہے۔ چٹرجی نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ دکن کے شعرا ’’ہندواسلوب‘‘ میں ، ’’ہندی بحریں ‘‘ استعمال کرتے ہوئے، ’’ہندو روایت‘‘ کے مطابق شاعری کر رہے تھے، تو کیا یہ تمام چیزیں "extra-Indian" =(غیر ہندوستانی) ہیں ؟ چٹرجی کے الفاظ یہ ہیں :
"Even before the close of the 16th century, North Indian Musalmans were composing religious poetry in the Deccan, in the Hindu style, in native Hindi metres, and with a pronounced Indian vocabulary of Sanskrit and Prakritic words. It was all in the Hindu tradition, so to say, except the script" (P. 205).
=( سولھویں صدی کے خاتمے سے پہلے ہی، شمالی ہند کے مسلمان دکن میں مذہبی شاعری کر رہے تھے جو ہندو اسلوب میں ہوتی تھی، جس میں دیسی ہندی بحریں استعمال کی جاتی تھیں ، اورجس کے ذخیرۂ الفاظ کا معتدبہ حصّہ سنسکرت اور پراکرت سے لیے گئے ہندوستانی الفاظ پر مشتمل ہوتا تھا۔ اس میں رسمِ خط کے علاوہ سب کچھ ہندو روایت کے عین مطابق ہوتا تھا۔ )
اس میں کوئی شک نہیں کہ دکن کی اردو شاعری نیز شمالی ہند کی بھی اردو شاعری جس میں افصلؔ کا بارہ ماسہ (’’بکٹ کہانی‘‘) بھی شامل ہے، ہندو روایات و رجحانات سے پُر ہے۔ اگر زمانۂ حال کے تناظر میں دیکھا جائے تب بھی اردو میں سیکولر اقدار کی کمی نہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اردو ادب پر دوسرے مذاہب کے اثرات کے ساتھ ساتھ اسلام کے اثرات بھی پڑے ہیں ، لیکن ہندو مذہب، ہندو فلسفے اور ہندو روایات و اساطیر کا بھی اس پر نہایت گہرا اثر ہے۔ اس کے با وصف چٹرجی کا یہ کہنا کہ اردو ’’غیر ہندوستانی‘‘ ہے اصابتِ رائے اور انصاف پسندی کے تقاضوں کے منافی ہے۔ اسے چٹرجی کی تنگ نظری اور تنگ خیالی پر ہی محمول کیا جانا چاہیے۔
چٹرجی یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ اردو کو مسلمان اپنے ساتھ باہر سے نہیں لائے تھے، بلکہ یہ یہیں کی ایک بولی کی کوکھ سے پیدا ہوئی، یہیں پلی بڑھی اور یہیں پروان چڑھی۔ اس کا ادبی ارتقا بھی اسی سر زمین پر ہوا۔ اس پر ’’ہندو روایت‘‘ کی گہری چھاپ پڑی۔ پھر یہ کیسے ’’غیر ہندوستانی‘‘ بن گئی؟
اردو کو ’’مسلمانی‘‘ یا ’’غیر ہندوستانی‘‘ زبان قرار دینے کی چٹرجی کی ’منطق‘ یہ ہے کہ ہندوؤں کو اردو سے دستبردار کر کے ان کی ایک الگ زبان قائم کی جائے۔ چنانچہ انھوں نے بالکل یہی کیا کہ ’’ہندوستھانی‘‘ کو عام اور مشترک زبان بتا کر اس کو دو خانوں میں تقسیم کر دیا۔ ایک کا نام انھوں نے ’’ہندو ہندوستھانی‘‘ رکھا اور دوسری کا ’’مسلمان ہندوستھانی‘‘۔ ہندوہندوستھانی کو انھوں نے ’’ناگری ہندی‘‘ یا ’’سنسکرتی ناگری ہندی‘‘ کے نام سے موسوم کیا اور مسلمان ہندوستھانی کو ’’اردو‘‘ کا نام دیا۔ ’’ہندوستھانی‘‘ کی یہ تقسیم چٹرجی سترھویں صدی کے بعد سے شروع کرتے ہیں۔ ان کے خیال کے مطابق ’’سترھویں صدی میں ہندو ہندی (یا ہندوستھانی) یا مسلمان ہندوستھانی یا اردو بہ مقابلہ ہندی نام کی کوئی چیز نہیں تھی‘‘:
"Hindust(h)ani, therefore, came out into the modern world as a vehicle of prose in its twin forms, High Hindi (or Nagari Hindi) and Urdu, about 1800. There was no Hindu Hindi (or Hindusthani) or Musalman Hindusthani, no Urdu as opposed to Hindi in the 17th century: the Muhamadan writers in the Deccan cultivated it, but the vocabulary_ the main bone of contention_was still largely Indian or Hindu; there was a common Hindi or Hindwi or Dahlawi, or to give a later name, Hindustani (Hindusthani) speech, which was the common property of both the Hindus and Muslims." (Pp. 211-12).
=( لہٰذا دورِ جدید میں ہندوستھانی نثری ذریعۂ تصنیف کی حیثیت سے اپنی جڑواں شکلوں میں ، یعنی اعلیٰ ہندی ( یا ناگری ہندی) اور اردو کی شکل میں ۱۸۰۰ء کے قریب وجود میں آئی۔ سترھویں صدی میں ہندو ہندی (یا ہندوستھانی) یا مسلمان ہندوستھانی نام کی کوئی چیز نہیں تھی، اور نہ ہی اردو بہ مقابلہ ہندی تھی: دکن کے مسلمان مصنفین نے اس کی پرداخت کی، لیکن ذخیرۂ الفاظ جو نزاع کی بنیادی وجہ ہے، اب بھی بڑی حد تک ہندوستانی یا ہندو ہی تھا۔ ’’ہندی‘‘ یا ’’ہندوی‘‘ یا ’’دہلوی‘‘ یا جسے بعد کے نام سے پکاریں تو ’’ہندوستانی‘‘ (’’ہندوستھانی‘‘) کہہ سکتے ہیں ، ایک مشترک زبان کی حیثیت سے ر ائج تھی، اور یہی زبان ہندوؤں اور مسلمانوں دونوں کی مشترکہ میراث تھی۔ )
لیکن حقیقت یہ ہے کہ اردو بلا لحاظِ مذہب و ملت مسلمانوں اور ہندوؤں دونوں کی مشترکہ زبان کی حیثیت سے شمالی ہندوستان میں بیسویں صدی کے وسط تک رائج تھی اور اِس ملک کے سچے محبِ وطن ہندو بھی اردو کو اپنی زبان کہنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں کرتے تھے۔ الوک رائے نے جو منشی پریم چند کے پوتے اور امرت رائے کے بیٹے ہیں اپنی حالیہ تصنیف Hindi Nationalism =(ہندی قومیت) میں صفحہ ۱۱۳ پر پنڈت جواہر لال نہرو سے متعلق ایک واقعہ نقل کیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پنڈت نہرو کو اپنی اور اپنے اجداد کی زبان ’’اردو‘‘ بتانے میں قطعی کوئی تامل نہیں تھا۔ یہ واقعہ اس زمانے کا ہے جب دستور ساز اسمبلی میں زبان کی بحث زوروں پر تھی اور یہ طے کیا جانا تھا کہ دستورِ ہند کے آٹھویں شیڈول میں کن زبانوں کا اندراج کیا جائے۔ پنڈت نہرو نے ڈرافٹنگ کمیٹی کے ایک رکن ایم۔ ستیہ نارائن سے کہا کہ وہ زبانوں کی ایک فہرست تیار کریں۔ چنانچہ انھوں نے ہندوستان کی بارہ بڑی زبانوں کی فہرست تیار کر کے پنڈت نہرو کو پیش کر دی۔ نہرو جی نے اس فہرست کو کمیٹی میں پیش کرنے سے پہلے اس میں ایک تیرھویں زبان ’اردو‘ کا اضافہ کر دیا۔ جب ان کے ایک ’’ہندی دوست‘‘ نے ان سے پوچھا کہ یہ اردو کس کی زبان ہے، تو پنڈت نہرو غصّے میں آ گئے اور انھوں نے کہا:
’’یہ میری اور میرے باپ داداؤں کی زبان ہے!‘‘
اس پر ان کے ’’ہندی دوست‘‘ نے فوراً جواب دیا:
’’ برہمن ہوتے ہوئے اردو کو اپنی زبان کہتے ہو، شرم نہیں آتی؟‘‘
نہرو نے کوئی جواب نہیں دیا۔ بالآخر دستور ساز اسمبلی میں بشمولِ اردو آٹھواں شیڈول منظور کر لیا گیا۔
اس سے قبل سر تیج بہادر سپرو نے ۱۲! فروری ۱۹۳۹ء کو لکھنؤ میں ’’یومِ چکبست‘‘ کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے اردو کے بارے میں یہ الفاظ کہے تھے:
’’مجھے اردو زبان سے محبت ہے۔ میں اس کو اپنی زبان سمجھتاہوں اور اپنے ہندوستان کی زبان! مجھے یہ کہتے ہوئے ذرا بھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہوتی کہ اردو میری مادری اور قومی زبان ہے‘‘۔
انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ__
’’میں اس کا کبھی قائل نہیں ہوسکتا کہ اردو مسلمانوں کی زبان ہے، بلکہ جتنا دعویٰ مسلمانوں کو اردو پر ہوسکتا ہے اتنا ہی ہندوؤں کو بھی ہونا چاہئیے۔ اس لیے کہ اردو دراصل ہندومسلم اتحاد سے پیدا ہوئی اور اس اتحاد کی واحد یادگار ہے۔ ‘‘
(منقول از عرضِ حال، ’’یادِ چکبست‘‘)۔
ماضیِ قریب کے ایک اور ہندو محبِ وطن پنڈت آنند نرائن ملّا نے تو ایک بھرے اجلاس میں یہاں تک کہہ دیا تھا کہ__
’’میں اپنا مذہب چھوڑ سکتاہوں ، مگر اپنی زبان نہیں چھوڑ سکتا۔ ‘‘
آخر یہ سب وطن پرست ہندو ہی تو تھے جو اردو کو اپنی زبان بتاتے تھے، لیکن چٹرجی اردو کو مشترکہ زبان بتانے سے گریز کرتے ہیں اور اسے ’’مسلمانی زبان‘‘ بتاتے ہیں۔
چٹرجی اردو کو ’’مسلمانی زبان‘‘ کہنے کے علاوہ ’’مسلمان ہندوستھانی‘‘ بھی کہتے ہیں ، کیوں کہ یہ فارسی عربی رسمِ خط میں لکھی جاتی ہے اور فارسی عربی الفاظ کے استعمال کو ترجیح دیتی ہے۔ انھیں دونوں باتوں کی وجہ سے یہ ’’ہندوہندوستھانی‘‘ یا ’’ناگری ہندی‘‘ سے مختلف ہو جاتی ہے۔ چٹرجی کے نزدیک ہندی اردو نزاع کی بنیادی وجہ یہی ہے۔ ان کے خیال میں یہ ’’بدیسی عناصر‘‘ ہیں جن کی وجہ سے ’’قوم پرستانہ یا وطن پرستانہ مزاج رکھنے والے اور سنسکرت سے محبت کرنے والے ہندو سوچ سمجھ کر ناگری رسمِ خط میں لکھی جانے والی سنسکرتی ہندی کی طرف مائل ہونے لگے‘‘ (ص ۲۱۴)۔ ہندوؤں کی احیاء پرست تنظیموں اور گروہوں ، مثلاً آریہ سماج، برہمو سماج، شدھی ہندو سنگٹھن اور ہندو مشن وغیرہ نے اس رجحان کو تقویت دی۔ ادھر ناگری پرچارنی سبھا، جس کا قیام ۱۸۹۰ء میں بنارس میں عمل میں آیا تھا، ناگری ہندی کی تحریک کو آگے بڑھانے میں پیش پیش رہی۔
ان تنظیموں اور تحریکوں کے درپردہ جو ذہنیت کام کر رہی تھی اس سے سنیتی کمار چٹرجی بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ چنانچہ انھوں نے اسی متعصبانہ ذہنیت کے ماتحت ایک عام فہم، مانوس اور چلن میں آئے ہوئے لفظ ’’ہندوستانی‘‘ کا ’شدھی کرن‘ کر کے اسے ’’ہندوستھانی‘‘ بنا لیا جس میں نہ صرف ثقالت اور غرابت پائی جاتی ہے بلکہ مصنوعی پن بھی ہے۔ چٹرجی ’ہندوستانی‘ (اور اسی کے ساتھ لفظِ ’ہندوستان‘) کو بدیسی لفظ بتاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ’’نہایت بوجھل ترکیب‘‘ ہے،پھر کہتے ہیں کہ یہ خالص فارسی لفظ ہے اور عام طور پر اس کا مطلب ہوتا ہے ’’ہندی کی مسلمان شکل یعنی اردو‘‘۔ چٹرجی نے لفظِ ’’ہندوستان‘‘ میں شامل فارسی ’’ستان‘‘ (بمعنی ’جگہ‘) کی ’’ت‘‘ کو ’’تھ‘‘ سے بدل کر اسے سنسکرت ’’ستھان‘‘ کی شکل دے دی جس سے یہ لفظ ’’ہندوستھانی‘‘ بن گیا۔ اس گھڑے ہوئے، بے تکے اور بھونڈے لفظ کو انھوں نے ’’ہندوستانی‘‘ کی ہندیائی گئی شکل قرار دیا۔ ایک جگہ چٹرجی نے خود ہی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ’’ہندوؤں نے اسے فوراً ہندیاکرہندوستھانی کر دیا‘‘۔ ہندوستھانی کی وہ دو شکلیں بتاتے ہیں ، ایک ’’ہندو ہندی (یا ناگری ہندی)‘‘ اور دوسری ’’مسلمان اردو‘‘۔
چٹرجی نے لفظِ ’’ہندوستھانی‘‘ گھڑ تو لیا لیکن شاید انھیں یہ معلوم نہیں تھا کہ اس میں لاحقے کے طور پر اب بھی فارسی کی ’یائے نسبتی‘ موجود ہے، یعنی ہندوستھان + ی = ہندوستھانی۔ چٹرجی عوام الناس کو یہ مشورہ دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’’وقت آگیا ہے کہ ہم ہندیائی گئی شکلوں ’ہندوستھان‘ اور ’ہندوستھانی کو اختیار کر لیں ، خواہ ان کا استعمال غیر ملکی نژاد شکلوں ’ہندوستان‘ اور ’ہندوستانی‘ کے ساتھ ہی کیوں نہ ہو‘‘(ص ۱۴۰)۔ ہم سب یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ چٹرجی کے اس مشورے پر کتنا عمل ہوا اور آج کس لفظ کو قبولِ عام حاصل ہے اور کون سالفظ تاریخ کے دھندلکے میں گم ہو کر رہ گیا۔ (چٹرجی نے یہ مشورہ آج سے تقریباً ۶۵ سال قبل دیا تھا۔ )
(۴)
تاریخ کے ایک موڑ پر شمالی ہندوستان میں احیاء پرست طاقتیں کافی سرگرم ہو جاتی ہیں۔ اس ذہنیت کے شکار لوگ لسانی عصبیت کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔ فرقہ وارانہ بنیاد پر زبان کی تقسیم یہیں سے شروع ہوتی ہے اور طریقۂ کار یہ اختیار کیا جاتا ہے کہ اس زبان کو جو روزِ اول سے ہی فارسی رسمِ خط میں لکھی جاتی تھی، ناگری حروف (یا دیوناگری رسمِ خط) کا جامہ پہنا دیا جاتا ہے اور یہ کہا جاتا ہے کہ یہ ایک الگ زبان ہے۔ اس نئی اور غیر فطری زبان کا نام ’’اعلیٰ ہندی‘‘ یا ’’ناگری ہندی‘‘ رکھا جاتا ہے۔ چوں کہ اردو کی بنیاد کھڑی بولی پر قائم ہے، لہٰذا جب اس نو زائیدہ زبان کو دیوناگری رسمِ خط میں لکھا گیا تو اس کا قواعدی ڈھانچا وہی رہا جو اردو کا تھا۔ اسی بنیاد پر اسے ’’کھڑی بولی ہندی‘‘ بھی کہا گیا تاکہ اسے اودھی، برج بھاشا، راجستھانی اور دوسری بولیوں سے ممیز کیا جاسکے۔ دیوناگری رسمِ خط اس سے پہلے انھیں بولیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اردو کو دیوناگری رسمِ خط کا جامہ پہنانے کے علاوہ اس میں سے عربی فارسی کے الفاظ کو نکال کر ان کی جگہ سنسکرت کے الفاظ رکھ دیے گئے۔ اس طریقۂ کار کو اختیار کرنے سے جو ایک علاحدہ زبان بنائی گئی اسے دھیرے دھیرے ہندوؤں کی اکثریت نے اپنا لیا۔ اردو اپنی جگہ پر اسی طرح سے قائم رہی، لیکن اس کے بولنے والوں اور اسے اپنی زبان کہنے والوں کی تعداد بتدریج کم ہوتی گئی جس سے اِسی سر زمینِ ہند میں جو اس کی مرزبوم تھی، یہ اقلیتی زبان بن کر رہ گئی۔ انیسویں صدی کے آغاز سے اس نئی زبان کو ادبی زبان کی حیثیت سے استعمال کیا جانے لگا۔ چٹرجی کے مطابق ’’اس خالص کھڑی بولی ہندوستھانی کے پہلے ہندو مصنف منشی سدا سکھ تھے جنھوں نے اٹھارہویں صدی کے آخر میں ’بھگوت گیتا پُران‘ کا ترجمہ ’سُکھ ساگر‘ کے نام سے نثر میں کیا اور اس کے لیے انھوں نے دیوناگری رسم خط استعمال کیا جو برج بھاکھا اور اودھی کے لیے پہلے سے مستعمل تھا، اور علمی الفاظ کے لیے سنسکرت کی جانب رجوع کیا‘‘(ص ۲۱۱)۔ اس کے بعد ۱۸۰۰ء میں کلکتے میں فورٹ ولیم کالج کا قیام عمل میں آیا جہاں للو جی لال اور سدل مشر نے ’’اعلی ہندی‘‘ میں نثری تصانیف لکھیں۔ اور یہ سب کچھ انگریزوں کی سرپرستی میں اور انھیں کی ہدایت پر ہوا۔ ایک انگریز مصنف فرینک ای۔ کی (Frank E. Keay) نے اپنی کتاب A History of Hindi Literature =(ہندی ادب کی تاریخ) میں اس حقیقتِ حال کو یوں بیان کیا ہے:
"Modern 'High Hindi' was developed from Urdu by the exclusion of Persian and Arabic words and the substitution of those of pure Indian origin, Sanskrit or Hindi". (P.4).
=( ’’جدید ’اعلیٰ ہندی‘ اردو میں سے فارسی اور عربی الفاظ کو خارج کر کے اور ان کی جگہ پر سنسکرت یا ہندی کے خالص ہندوستانی نژاد الفاظ رکھ کر بنائی گئی‘‘۔ )
اسی کتاب میں وہ مزید لکھتا ہے:
"Lallu Ji Lal was a Brahman whose family had come originally from Gujarat, but had long been settled in North India. Under the direction of Dr. John Gilchrist he and Sadal Mishra were the creators of modern 'High Hindi'. Many dialects of Hindi were, as we have seen, spoken in North India, but the vehicle of polite speech amongst those who did not know Persian was Urdu. Urdu, however, had a vocabulary borrowed largely from the Persian and Arabic languages, which were specially connected with Muhammadanism. A literary language for Hindi-speaking people which could commend itself more to Hindus was very desirable, and the result was produced by taking Urdu and expelling from it words of Persian or Arabic origin, and substituting for them words of Sanskrit or Hindi origin." (P. 83).
=( للو جی لال ایک برہمن تھے جن کے خاندان کا تعلق اصلاً گجرات سے تھا، لیکن جو عرصۂ دراز سے شمالی ہندوستا ن میں سکونت اختیار کیے ہوئے تھا۔ ڈاکٹر جان گلکرسٹ کی ہدایت پر انھوں نے سدل مشر کے ساتھ مل کر جدید ’اعلی ہندی‘ کی تخلیق کی۔ شمالی ہندوستان میں ، جیسا کہ ہم نے دیکھا، بہت سی بولیاں بولی جاتی تھیں لیکن جو لوگ فارسی سے واقف نہیں تھے وہ شائستہ ذریعۂ اظہار کے طور پر اردو کا استعمال کرتے تھے۔ اردو کا ذخیرۂ الفاظ بڑی حد تک فارسی اور عربی زبانوں سے مستعارتھا جن کا خصوصی تعلق اسلام سے تھا۔ ہندی بولنے والوں کے لیے ایک ایسی ادبی زبان کی شدید ضرورت تھی جو ہندوؤں کی زیادہ مطلب برآری کر آسکے۔ اس کا نتیجہ یوں سامنے آیا کہ اردو کو لے کر اس میں سے فارسی یا عربی الاصل الفاظ نکال دیے گئے، اور ان کی جگہ پر سنسکرت یا ہندی الاصل الفاظ رکھ دیے گئے۔ )
ہندوؤں میں اس نئی زبان کے استعمال کے بارے میں کی(keay) لکھتا ہے:
"The Hindi of Lallu Ji Lal was really a new literary dialect. This 'High Hindi', or 'Standard Hindi' as it is also called, has had however a great success. It has been adopted as the literary speech of millions in North India. Poetical works still continue to be written in Braj Bhasha, or Awadhi, or other old dialects, as High Hindi has not been much used for poetry. But whereas before this time prose works in Hindi were very rare, from now onwards an extensive prose literature began to be produced." (Pp.83-84).
=( للوجی لال کی ہندی درحقیقت ایک نئی ادبی زبان تھی۔ یہ ’اعلیٰ ہندی‘، یا جسے ’معیاری ہندی‘ بھی کہتے ہیں ، کافی مقبول ہوئی۔ ادبی زبان کی حیثیت سے اسے شمالی ہندوستان کے لاکھوں لوگوں نے اپنا یا۔ شعری تصانیف اب بھی برج بھاشا، یا اودھی، یا دیگر قدیم بولیوں میں لکھی جاتی رہیں ، کیوں کہ اعلیٰ ہندی کو شاعری کے لیے زیادہ استعمال نہیں کیا گیا۔ لیکن چوں کہ اس سے پہلے ہندی میں نثری تصانیف کا بڑی حد تک فقدان تھا، اس لیے اس کے بعد سے نثری ادب کی وسیع پیمانے پر تخلیق عمل میں آئی۔ )
جارج اے۔ گریرسن (George A. Grierson) نے بھی اپنے Linguistic Survey of India =(لسانیاتی جائزہ ہند) کی نویں جلد کے حصّۂ اول میں یہی بات کہی ہے۔ لیکن اس نے بالکل صاف لفظوں میں یہ حقیقت بیان کر دی ہے کہ للوجی لال کو ’’پریم ساگر‘‘ لکھنے کے لیے گل کرسٹ نے ہی جوش دلایا تھا۔ گریرسن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’پریم ساگر‘‘ کی زبان اردو سے ہرگز مختلف نہیں ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ فارسی الفاظ کی جگہ للوجی لال نے ہند آریائی الفاظ رکھ دیے ہیں۔ گریرسن لکھتا ہے:
"This Hindi, therefore, or, as it is sometimes called, 'High Hindi' is the prose literary language of those Hindus of Upper India who do not employ Urdu. It is of modern origin, having been introduced under English influence at the commencement of the last century. Up till then, when a Hindu wrote prose and did not use Urdu, he wrote in his own dialect, Awadhi, Bundeli, Braj Bhakha, or what not. Lallu Lal, under the inspiration of Dr. Gilchrist, changed all this by writing the well-known 'Prem Sagar', a work which was, so far as the prose portions went practically written in Urdu, with Indo-Aryan words substituted wherever a writer in that form of speech would use Persian ones." (P.46).
=(لہٰذا یہ ہندی، یا جسے کبھی کبھی ’اعلی ہندی‘ بھی کہتے ہیں ، بالائی ہندوستان کے ان ہندوؤں کی نثری ادبی زبان ہے جو اردو کا استعمال نہیں کرتے۔ یہ زمانۂ حال کی پیداوار ہے اور اس کا رواج گذشتہ صدی کے آغاز سے انگریزوں کے زیرِ اثر شروع ہوا۔ اُس وقت تک جب بھی کوئی ہندو نثر لکھتا تھا اور وہ اردو کا استعمال نہیں کرتا تھا، تو اپنی بولی، اودھی، بندیلی، برج بھاکھا وغیرہ میں لکھتا تھا۔ للولال نے ڈاکٹر گلکرسٹ کے جوش دلانے پر معروف کتاب ’پریم ساگر‘ لکھ کر سب کچھ بدل ڈالا۔ یہ ایک ایسی تصنیف ہے، کہ جہاں تک کہ نثری اجزاء کا تعلق ہے یہ عملاً اردو میں لکھی گئی ہے اور اس زبان کے لیے مصنف جہاں فارسی الفاظ استعمال کرتا، وہاں اس نے ہند آریائی الفاظ رکھ دیے۔ )
بعض ہندی دوست یہ سمجھتے ہیں کہ گریرسن اور دوسرے انگریز عالموں نے جان بوجھ کر یہ ’غلط فہمی‘ پھیلائی ہے کہ اردو میں سے عربی و فارسی الفاظ کو نکال کر اور ان کی جگہ پر سنسکرت کے الفاظ رکھ کر ’جدید ہندی‘ کی تعمیر کی گئی ہے، لیکن ایسی ’’موجودہ مصنوعی ہندی‘‘ کے بارے میں انصاف پسند ہندو دانشوروں کی بھی وہی رائے ہے جو گریرسن اور دوسرے انگریز عالموں کی ہے۔ ہندی کے ایک ممتاز عالم اور دانشور ایودھیا پر سادکھتری کا بھی یہی خیال ہے جس کا خلاصہ شِتی کنٹھ مشر نے اپنی کتاب ’’کھڑی بولی کا آندولن‘‘ میں ان الفاظ میں پیش کیا ہے:
’’برج بھاشا میں تمام ملکی و غیر ملکی الفاظ کے ملنے سے اردو کا ارتقا عمل میں آیا۔ اور اردو میں سے عربی فارسی کو جان بوجھ کر چھانٹے نیز ان کی جگہ پر سنسکرت کے ٹھیٹھ الفاظ رکھنے سے موجودہ مصنوعی ہندی کا ارتقا ہوا ہے‘‘۔ (ص ۱۶۷)۔
کھتری کی یہ رائے کہ برج بھاشا میں دیگر زبانوں کے الفاظ کے ملنے سے اردو بنی، اگرچہ صحیح نہیں ، تاہم جدید ہندی کے ارتقا کے بارے میں ان کا نظریہ حقیقت پسندانہ ہے۔
ایک اور ہندی مصنف چندر دھر شرما گلیری نے بھی اپنی کتاب ’’پرانی ہندی‘‘ میں واضح الفاظ میں یہ بات دہرائی ہے کہ زمانۂ حال کی ہندی اردو میں سے عربی اور فارسی الفاظ کو بے دخل کر کے بنائی گئی ہے۔ وہ لکھتے ہیں :
’’ہندوؤں کی تخلیق کردہ پرانی شاعری جو کچھ بھی ملتی ہے وہ برج بھاشا یا پوربی، ویس واڑی، اودھی، راجستھانی اور گجراتی وغیرہ ہی میں ملتی ہے۔ یعنی ’پڑی بولی‘ میں پائی جاتی ہے۔ ’کھڑی بولی‘ یا پکّی بولی یا ریختہ یا موجودہ ہندی کے موجودہ نثر و نظم کو دیکھ کر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اردو میں مستعمل فارسی عربی کے خالص یا تحریف شدہ الفاظ کو نکال کر ان کی جگہ سنسکرت یا ہندی کے تتسم اور تدبھو الفاظ رکھنے سے ہندی بنا لی گئی‘‘۔ (ص ۱۰۷)۔
جیساکہ پہلے بھی کہا جا چکا ہے کہ اردو میں کھڑی بولی کو بنیاد بنا کر نثر لکھنے کی روایت کافی قدیم ہے اور یہ سلسلہ دکن سے ہی شروع ہو جاتا ہے۔ شمالی ہند میں بھی، کلکتے میں ۱۸۰۰ء میں فورٹ ولیم کالج کے قیام سے کافی پہلے سے، اردو میں نثری نمونے ملنا شروع ہو جاتے ہیں اور ’’کربل کتھا‘‘ (فضلِ علی فضلی)، ’’قصّۂ مہر افروز و دلبر‘‘ (عیسوی خاں بہادر)، ’’نو طرزِ مرصع‘‘ (میر محمد حسین عطا خاں تحسین)، ’’عجائب القصص‘‘ (شاہ عالم ثانی)، ’’قصّہ ملک محمد و گیتی افروز (مہر چند کھتری)، اور سلکِ گہر‘‘ (انشاء اللہ خاں انشاء) اردو کی وہ نثری تصانیف ہیں جو فورٹ ولیم کالج کے قیام سے قبل لکھی جاچکی تھیں۔ زمانۂ حال کی ہندی میں کھڑی بولی کے نثری نمونے انیسویں صدی سے پہلے ناپید ہیں۔ اس زبان میں یہ سلسلہ فورٹ ولیم کالج کے قیام کے بعد سے شروع ہوتا ہے۔ اور یہاں کی لکھی ہوئی للوجی لال کی ’’پریم ساگر‘‘ زمانۂ حال کی کھڑی بولی ہندی کی پہلی کتاب قرار پاتی ہے۔ اس بات کی تائید معروف ہندی اسکالر اور ماہرِلسانیات بال گووند مشر کے اس بیان سے بھی ہوتی ہے جو ای۔ انا ملائی کی مرتبہ کتاب Language Movements in India =( ہندوستان کی لسانی تحریکیں ) میں شامل ان کے مضمون "Language Movements in Hindi Region" =( ہندی علاقے کی لسانی تحریکیں ) سے منقول ہے۔ :
"'It may be mentioned that the use of Khadi Boli Hindi for prose was initially promoted and patronized by the Fort William College authorities from the beginning of the nineteenth century." (P. 72).
=(نثر کے لیے کھڑی بولی ہندی کا استعمال سب سے پہلے فورٹ ولیم کالج کے اربابِ حل و عقد کی سرپرستی میں انیسویں صدی کے آغاز سے شروع ہوا۔ )
انیسویں صدی کے اواخر تک ہندوؤں میں یہ روایت چلی آ رہی تھی کہ شاعری کے لیے برج بھاشا کا استعمال کیا جاتا تھا اور نثر کھڑی بولی ہندی میں لکھی جاتی تھی۔ اس وقت برج بھاشا کا طوطی بول رہا تھا۔ اور یہ ہندوؤں میں راجستھان سے لے کر بہار تک ادبی ذریعۂ اظہار کی حیثیت سے بیحد مقبول تھی اور اس میں نثری نمونے محض خال خال پائے جاتے ہیں۔ بال گووندمشر اپنے اسی مضمون میں کہتے ہیں کہ یہ ادبی صورتِ حال ’’بے قاعدہ اور انتہائی مصنوعی‘‘(anomalous and highly artificial) تھی۔ چنانچہ جلد ہی ایک’’ تحریک‘‘ شروع کی گئی جس کے نتیجے میں شاعری کی زبان کی حیثیت سے برج بھاشا کو ہٹا کر’’ کھڑی بولی پر مبنی زبان کو رواج دیا گیا‘‘ جو تمام ادبی اصناف کے لیے یکساں استعمال کی جاسکے۔
اردو نثر کا ارتقا چٹرجی ۱۸۰۰ء کے آس پاس بتاتے ہیں اور اسے ہندی نثر کے ارتقا کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’اعلیٰ ہندی یا معیاری (کھڑی بولی) ہندی کا نثر کی زبان کی حیثیت سے ارتقا تقریباً اردو کے ساتھ ہی ہوا، یعنی کلکتے میں انگریزوں کے زیرِ سرپرستی انیسویں صدی کے آغاز سے‘‘ (ص ۱۶۷)۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’برج بھاکھا اور اودھی جیسی خالص بولیوں سے قطعِ نظر، معیاری ہندی یا اعلیٰ ہندی کو ادب کے لیے استعمال کرنے کی کوشش اردو کے مقابلے میں زیادہ قدیم ہے،‘‘ جس کا سلسلہ وہ پندرھویں صدی تک لے جاتے ہیں اور مثال میں کبیر کی شاعری کو پیش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’’کبیر کی شاعری کی زبان بحیثیتِ مجموعی ہندی ہے، نہ کہ اردو۔ ‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’زبان کا نام ہندی (جسے پہلے ’ہندوی‘ کہتے تھے) ہندوستانی اور اردو ناموں کے مقابلے میں زیادہ قدیم ہے‘‘ (ص۱۶۷)۔ کبیر کی شاعری کی زبان کو اعلی ہندی یا معیاری (کھڑی بولی) ہندی بتانا محلِ نظر ہے۔ کبیر کا تعلق اصلاً بھوجپوری کے علاقے سے تھا، لیکن وہ ادھر ادھر گھومتے رہتے تھے، لہٰذا ان کی زبان پر مختلف بولیوں کے اثرات پڑے اور ان کی زبان ’’سدھکڑی بھاشا‘‘ کہلائی۔ یہ کھڑی بولی کی بنیاد پر معیاری بنائی گئی اعلیٰ ہندی یا اردو کے بالمقابل قائم کی گئی ’ہندی‘ ہرگز نہیں۔ چٹرجی نے کھڑی بولی ہندی کی ادبی تاریخ کو ماضی میں دور تک لے جانے کے لیے خواہ مخواہ کبیر کا نام پیش کیا۔ چٹرجی جو ’ہندی‘ یا ’ہندوی‘ کو اردو کا قدیم نام تسلیم کر چکے تھے، وہی اب ان ناموں کو جدید ’’ہندی‘‘ کے قدیم ناموں کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور چوں کہ’’ اردو‘‘ نام بعد میں پڑا اس لیے اردو کو بعد کی زبان بتاتے ہیں جب کہ ہندی کے ممتاز عالم دھیریند ورما کا خیال ہے کہ ’’تاریخی اعتبارسے کھڑی بولی اردو کا استعمال ادبی کھڑی بولی ہندی کے استعمال سے زیادہ قدیم ہے‘‘۔ (’ہندی بھاشا کا اتہاس‘، ص ۶۰)۔ زبانوں کی تاریخ میں یہ اکثر ہوتا آیا ہے کہ زبان پہلے تشکیل پاتی ہے اور اس کا نام بعد میں پڑتا ہے یا رکھا جاتا ہے۔ اس کی عمدہ مثال ہمارے سامنے سنسکرت زبان کی ہے۔ سنسکرت زبان پورے شمالی ہندوستان میں مغرب تا مشرق پورے ایک ہزار سال تک (۱۵۰۰ تا ۵۰۰ قبل مسیح) پھلتی پھولتی اور پروان چڑھتی رہی۔ اس دوران میں چاروں وید تخلیق کیے گئے اور پانِنی نے اس زبان کی نہایت منضبط قواعد تخلیق کی جو ’’اشٹادھیائی‘‘ کے نام سے موسوم ہے۔ لیکن اس طویل عرصے کے دوران اس زبان کا کوئی نام نہیں پڑا۔ پانِنی نے اس کے لیے صرف ’’بھاشا‘‘ کا لفظ استعمال کیا ہے۔ اس کا نام ’’سنسکرت‘‘ بہت بعد میں جا کر پڑا۔ لفظ ’’سنسکرت‘‘ پہلے زبان کے معنی میں مستعمل نہیں تھا، بلکہ اس کے لغوی معنیٰ تھے، ’شسستہ وشائستہ‘۔ بعد میں یہی لفظ اسمِ لسان کے طور پر استعمال ہونے لگا۔ پالی زبان کا نام بھی بعد میں پڑا۔ برج بھاشا، کھڑی بولی اور بعض دوسری بولیوں کے نام بھی بعد میں پڑے۔ اردو کا بھی حال یہی ہے کہ اسے پہلے دوسرے کئی ناموں سے پکارا گیا پھر بعد میں جا کر اس کا موجودہ نام ’’اردو‘‘ پڑا لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ جب سے اس کا نام اردو پڑا تب سے اس کی پیدائش عمل میں آئی۔ اردو کے مخالفین اردو کی تاریخ کو کم کرنے کے لیے ہمیشہ یہی دلیل پیش کرتے ہیں۔ اس غلط بیانی اور کج فہمی کی ابتدا سنیتی کمار چٹرجی سے ہوتی ہے جنھوں نے یہ کہا تھا کہ ’’اردو کا سترھویں صدی کے خاتمے سے قبل ادبی زبان کی حیثیت سے کوئی وجود نہیں تھا‘‘ (ص ۱۶۲)۔
(۵)
امرت رائے نے چٹرجی سے ہی اشارہ پاکر اپنی کتاب A House Divided ( گھر جو تقسیم ہو گیا) میں اردو کو ولیؔ کے بعد کی اختراع بتایا ہے اور اسے ’’لسانی پھوٹ‘‘ اور ’’علاحدگی پسندی‘‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ امرت رائے ’’ہندی‘‘ اور ’’ہندوی‘‘ کو اردو کے قدیم نام تسلیم نہیں کرتے اور اردو کے تمام تر قدیم ادبی سرمایے کو(جس میں دکنی ادب بھی شامل ہے) زمانۂ حال کی ہندی کی تاریخ کا جزوِ لاینفک قرار دیتے ہیں۔ اس طرح چٹرجی کی طرح وہ بھی اردو پر ہندی کی لسانی وادبی قدامت اور فوقیت کو ثابت کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیتے ہیں۔ امرت رائے کے خیال میں اردو کی تاریخ اس وقت سے شروع ہوتی ہے جب سے اس کا نام ’’اردو‘‘ پڑتا ہے اور جب سے اس میں ہندی عناصر کی جگہ عربی فارسی عناصر شامل ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور یہ دونوں چیزیں تقریباً ساتھ ساتھ وقوع پذیر ہوتی ہیں۔
امرت رائے نے اردو پر ’’علاحدگی پسندی‘‘ کا الزام تو عائد کیا ہی ہے، حد تو یہ ہے کہ وہ اردو کو ہندوستان کے آئین کے آٹھویں شیڈول میں جگہ دیے جانے پر بھی معترض ہیں۔ ان کے خیال میں ’’اردو کو (اس کے رسمِ خط کے ساتھ) آئین میں ہندی کے علاوہ ایک علاحدہ قومی زبان کی حیثیت دینے میں عجلت اور نا سمجھی سے کام لیا گیا، کیوں کہ یہ فیصلہ مسئلے کی پیچیدہ نوعیت پر اچھی طرح غور کیے بغیر کیا گیا تھا اور مبہم اور سہل انگاری کے تصور پر مبنی تھا۔ ‘‘ امرت رائے کے انگریزی الفاظ یہ ہیں :
"I am convinced, --- that inscribing Urdu (with its script) in the Constitution as a separate national language apart from Hindi was hasty and ill- conceived in as much as it was based on some vague, simplistic assumptions, without an adequate grasp of the complex nature of the problem." (P. 287).
اس امر کا ذکر بیجا نہ ہو گا کہ امرت رائے نے یہ خیال گیان چند جین کے اس قول سے لیا ہے:
’’ہندوستان کے آئین میں اردو ہندی کو دو زبانوں کی حیثیت سے درج کرنا سیاسی مصلحت ہے، لسانی حقیقت نہیں۔ ‘‘
جین صاحب کا یہ قول ان کے ایک مضمون ’’اردو، ہندی یا ہندوستانی؟‘‘ مطبوعہ ’’ہندستانی زبان‘‘ (سال ۵، نمبر ۱، اکتوبر ۱۹۷۳ء) میں شامل ہے۔ انھوں نے یہ بات کھل کر نہیں کہی ہے کہ اردو کو ہندوستان کے آئین میں جگہ نہیں ملنی چاہئے تھی، لیکن اقتباسِ بالا کے بین السطور سے یہی مترشح ہوتا ہے کہ جب ہندی کو آئین میں جگہ دے دی گئی تو پھر اردو کو اسی آئین میں جگہ دینے کا کیا جواز؟ ان کے خیال میں ایسا کرنا محض ’’سیاسی مصلحت‘‘ ہی ہوسکتی ہے، ’’لسانی حقیقت‘‘ سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔
گیان چند جین اردو اور ہندی کو ایک زبان تسلیم کرتے ہیں۔ اس خیال کا اظہار انھوں نے اپنے بعض مضامین میں کھل کر کیا ہے۔ اپنے مذکورہ مضمون میں وہ لکھتے ہیں :
’’اردو ہندی دو الگ زبانیں نہیں۔ ۔ ۔ اگر چہ اردو ادب اور ہندی ادب دو مختلف اور آزاد ادب ہیں ، لیکن اردو اور ہندی دو مختلف زبانیں نہیں ہیں ‘‘۔
اسی خیال کو جین صاحب نے اپنی حالیہ کتاب ’’ایک بھاشا: دو لکھاوٹ، دو ادب‘‘ میں نہایت جارحانہ اور متعصبانہ انداز میں ، اور فرقہ وارانہ ذہنیت کا شکار ہو کر (With communal mindset) حد درجہ غیر معتدل انداز اور غیر علمی رویہ اختیار کرتے ہوئے پیش کیا ہے جس نے اردو دنیا کو ’سکتے‘ میں ڈال دیا ہے۔ لہٰذا ایک ایسی کتاب جو اردو زبان کو بے وجہ بدنام کرتی ہو، اس کے خلاف غلط اور جھوٹا پروپیگنڈا کرتی ہو، اس کے وجود پر سوالیہ نشان قائم کرتی ہو، اس کی تاریخ کو مسنح کرتی ہو، اور اس کے بولنے والوں کے خلاف نفرت کا بیج بوتی ہو نیز ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان منافرت اور شکوک و شبہات پیدا کرتی ہو اس بات کی متقاضی ہے کہ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اردو کے خلاف زہر اگلنے والی اس کتاب نے سنیتی کمار چٹرجی اور امرت رائے کو بھی مات دے دی ہے۔ یہ وہی گیان چند جین ہیں جنھوں نے ساری زندگی اردو کی کمائی کھائی اور عزت، شہرت، دولت سب کچھ انھیں اردو ہی کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے اور یہ وہی گیان چند جین ہیں جنھوں نے اپنے مذکورہ مضمون ’’اردو، ہندی یا ہندوستانی؟‘‘ میں لکھا ہے کہ ’’میں مردم شماری میں اپنی مادری زبان اردو لکھواتا ہوں ‘‘۔ اپنی مادری زبان کے ساتھ کوئی شخص اتنا بڑا ’وشواس گھات‘ یا غداری کیسے کرسکتا ہے؟ ایسے ہی لوگوں کے بارے میں کسی نے کیا خوب کہا ہے، ع
یہ جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں
گیان چند جین نے اپنی اس کتاب میں نہ صرف اردو زبان کو مطعون و ملعون کیا ہے اور اس پر ’’تنگ نظری‘‘ کی تہمت لگائی ہے بلکہ اردو رسمِ خط میں بھی کیڑے نکالے ہیں اور دیوناگری رسمِ خط (زمانۂ حال کی ہندی کا رسمِ خط) کی تعریف وتحسین میں زمین و آسمان کے قلابے ملا دیے ہیں۔ عقل حیران ہے کہ گیان چند جین نے آخرِ عمر میں جب کہ وہ سات سمندر پار بیٹھے ہوئے ہیں اور پارکنسن جیسی مہلک بیماری کا شکار ہیں ایسی دل آزار کتاب کیوں اور کس کے اشارے پر لکھی؟ اردو کے بارے میں اس قدر منفی رویے (Negative Approach) کی حامل کتاب تو آج تک ہندی زبان میں بھی نہیں لکھی گئی۔
امرت رائے اگرچہ پریم چند کے بیٹے تھے، لیکن وہ بنیادی طور پر ہندی کے ادیب و عالم تھے۔ انھوں نے اردو اگر سیکھی بھی ہو گی تو اتنی مہارت پیدا نہ کرسکے ہوں گے کہ اس زبان میں لکھی ہوئی دقیق علمی کتابوں کا بالاستیعاب مطالعہ اور ان سے اخذواستفادہ کرسکیں۔ لہٰذا گمانِ غالب ہے کہ امرت رائے نے اپنی مذکورہ کتاب کی تسوید و تصنیف کے دوران گیان چند جین سے بھر پور مدد لی ہو گی کیوں کہ جس زمانے میں امرت رائے اس کتاب کا پہلا ڈرافٹ تیار کر رہے تھے اس زمانے میں دوسال تک گیان چند جین انھیں کے شہر الہٰ آباد میں یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے صدر تھے۔ امرت رائے کی یہ خوش نصیبی تھی کہ وہ علمی تعاون حاصل کرنے کے لیے جب چاہتے جین صاحب سے مل سکتے تھے۔ جب جین صاحب حیدرآباد چلے گئے تب بھی امرت رائے کا رابطہ ان سے برابر قائم رہا اور وہ ہر طرح کی علمی امداد جین صاحب سے حاصل کرتے رہے۔ امرت رائے نے اپنی مذکورہ کتاب کے "Acknowledgments" میں علمی تعاون کے لیے گیان چند جین کا بڑی گرم جوشی کے ساتھ شکریہ ادا کیا ہے اور نہایت صاف گوئی کے ساتھ یہ بھی لکھ دیا ہے کہ ’’کتاب کے اردو مواد کے لیے میں نے کلیتہً معروف اردو اسکالر گیان چند جین پر انحصار کیا ہے‘‘۔ امرت رائے نے اس سلسلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ جین صاحب نے ’’نہایت فراخدلی کے ساتھ میری مدد کی اور نہ صرف اس موضوع سے متعلق مجھے کتابیں اور رسائل فراہم کیے، بلکہ خیالات (Ideas) بھی دیے اور ہر طرح کی قابلِ انحصار اطلاعات بھی مجھے مہیا کرائیں ‘‘۔ انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ جین صاحب سے ’’میرا تبادلۂ خیال انتہائی مفید اور کارآمد ہوتا تھا اور مجھے ہمیشہ اس سے تحریک ملتی تھی۔ ‘‘
امرت رائے کے ان بیانات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ گیان چند جین A House Divided کی تصنیف میں امرت رائے کے ساتھ برابر کے شریک رہے لیکن سرورق پر بدقسمتی سے صرف امرت رائے کا ہی نام چھپا۔ گیان چند جین کی حالیہ تصنیف ’’ایک بھاشا: دو لکھاوٹ، دو ادب‘‘ کو اگر امرت رائے کی مذکورہ کتاب کا تتمہ کہا جائے تو بیجا نہ ہو گا، کیوں کہ اردو، اردو بولنے والوں نیز مسلمانوں کے خلاف جو باتیں امرت رائے کی کتاب میں کہنے سے رہ گئی تھیں وہ سبھی باتیں گیان چند جین کی اس حالیہ کتاب میں بلا جھجک کہہ دی گئی ہیں۔ جین صاحب نے علاوہ اور باتوں کے اگر ایک طرف اردو کے بارے میں یہ کہا ہے کہ ’’اردو کا مزاج تنگ نظری کاہے‘‘ (ص۔ ۱۲۴)، تو دوسری طرف امرت رائے نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اردو ایک ’’غیر سیکولر‘‘ اردو ’’شدید مذہبی رجحان‘‘ کی حامل زبان ہے اور اگر اسے مراعات دی گئیں تو یہ ’’سیکولر یک جہتی کے خلاف کام کرے گی‘‘ (ص۔ ۲۸۹):
"It is not altogether unlikely that, in the context of the cynical, vote-oriented power game of politics, Urdu will some day even have recognition as a regional language; but we think that it would be harmful in the national interests of the country to grant this, because as a non-secular element with a strong religious connotation it would work against secular integration". (P. 289).
=( اگر چہ یہ بات نا ممکن نہیں ہے کہ ووٹوں کی بنیاد پر کھیلے جانے والے سیاسی اقتدار کے بیڈھب کھیل کے سیاق میں ایک دن اردو کو علاقائی زبان کی حیثیت سے تسلیم کر لیا جائے گا؛ لیکن ایسا کرنا ہمارے خیال میں ملک کے قومی مفادات کے لیے مضرت رساں ہو گا، کیوں کہ اپنے غیر سیکولر مزاج اور شدید مذہبی رجحان کی وجہ سے یہ (زبان) سیکولر یک جہتی کے خلاف کام کرے گی)۔
اردو زبان کے تاریخی تناظر کے اس مدلل اور مفصل جائزے سے جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ یہ ہیں :
۱۔ اردو، ہندی (زمانہ حال کی ہندی) سے زیادہ قدیم زبان ہے، اور اس کا ادبی ارتقا بھی ہندی کے ادبی ارتقا سے بہت پہلے ہوا ہے۔
۲۔ ’ہندی‘ (قدیم مفہوم میں )، ’ہندوی‘ ، ’ریختہ‘، ’دہلوی‘، ’گجری‘، ’دکنی‘ اردو ہی کے قدیم نام ہیں ، ہندی (زمانۂ حال کی ہندی) کے نہیں۔
۳۔ ہندی دانشوروں کا یہ کہنا کہ چوں کہ موجودہ اردو کا ’اردو‘ نام اٹھارہویں صدی کے اواخر میں پڑا، لہٰذا اس سے پہلے اردو کا وجود نہ تھا سراسر لغو اور اِن دانشوروں کی کج فہمی اور لسانی تعصب کا آئینہ دار ہے۔
۴۔ ہندی دانشوروں کا یہ بیان بھی سراسر غلط اور لسانی حقیقت کو جھٹلانا ہے کہ اٹھارہویں صدی کے وسط میں ’اصلاحِ زبان‘ کے نام پر ہندی (جو ان دانشوروں کے مطابق شروع سے چلی آ رہی تھی) میں سے انڈک یا ہندی الاصل الفاظ کو چھانٹ کر نکال دینے سے اور ان کی جگہ پر عربی فارسی کے الفاظ رکھ دینے سے ’اردو‘ نام کی ایک علاحدہ زبان بنائی گئی۔
۵۔ اس بات کے وافر شواہد موجود ہیں کہ زمانۂ حال کی کھڑی بولی ہندی یا ناگری ہندی/ اعلیٰ ہندی کا ارتقا اٹھارہویں صدی کے خاتمے کے بعد غیر فطری طور پر عمل میں آیا۔ اردو زبان جو کھڑی بولی کی بنیاد پر ارتقا پاکر بارہویں صدی کے اواخر سے شمالی ہندوستان میں بلا لحاظِ مذہب و ملّت رائج تھی اور عام بول چال، خواندگی (Literacy) اور شائستہ طرزِ کلام کی زبان بن چکی تھی اور ادبی اعتبار سے بھی نہایت ترقی یافتہ اور متمول تھی، انیسویں صدی کے اوائل میں اسی زبان میں سے عربی فارسی الفاظ کو خارج کر کے اور ان کی جگہ پر سنسکرت کے الفاظ رکھ کر موجودہ ہندی بنائی گی اور اس کے لیے دیوناگری رسمِ خط اختیار کیا گیا۔ شمالی ہندوستان کے ہندوؤں نے جو اُس وقت تک اردو پڑھتے لکھتے تھے دھیرے دھیرے اس نئی اور مصنوعی زبان کو اپنا لیا۔ انیسویں صدی کی ہندو احیاء پرست تنظیموں نے ’ہندی آندولن‘ (ہندی تحریک) چھیڑ کر اس نوزائیدہ زبان کے فروغ کو تقویت پہنچائی۔
۶۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ ہندی (دیوناگری رسمِ خط میں لکھی جانے والی زمانۂ حال کی کھڑی بولی ہندی) اردو سے نکلی ہے، لہٰذا حقیقی معنوں میں اس ہندی کو اردو کی شیلی (اسلوب) کہنا زیادہ مناسب ہو گا، نہ کہ اردو کو ہندی کی شیلی سمجھنا (جیسا کہ ہندی دانشوروں کی غیر منطقی دلیل ہے)۔
کتابیات
۱۔ الوک رائے،Hindi Nationalism (نئی دہلی: اورینٹ لانگ مین، ۲۰۰۰ء)۔
۲۔ امرت رائے A House Divided: The Origin and Development of Hindi -Urdu باز طبع (دہلی: آکسفرڈ یونیورسٹی پریس ۱۹۹۱ء)۔
۳۔ اونکار ’راہی‘، کھڑی بولی: سوروپ اور ساہتیک پرمپرا (دہلی: پی پرکاشن، ۱۹۷۵ء)۔
۴۔ ای۔ اناملائی (مرتب)، Language Movements in India (میسور: سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف انڈین لینگویجز، ۱۹۷۹ء)۔
۵۔ برج رتن داس، کھڑی بولی ہندی کا اتہاس (بنارس: ہندی ساہتیہ کیٹر، ۲۰۰۹ سمبت)۔
۶۔ پال آر۔ براس (Paul R. Brass)، Language, Religion and Politics in North India (نئی دہلی: وکاس پبلشنگ ہاؤس، ۱۹۷۵ء)۔
۷۔ جیوترندر داس گپتا، Language Conflict and National Development: Group Politics and National Language Policy in India(برکلے: سنٹر فار ساؤتھ اینڈ ساؤتھ ایسٹ ایشیا اسٹڈیز، یونیورسٹی آف کیلی فورنیا، ۱۹۷۰ء)۔
۸۔ چندر دھر شرما گلیری، پرانی ہندی ( کاشی: ناگری پرچارِنی سبھا، ۲۰۱۸ سمبت)۔
۹۔ حکم چند نیر، اردو کے مسائل: ہندوستان کی سیاسی اور سماجی تاریخ کی روشنی میں (بنارس: شعبۂ اردو، بنارس ہندو یونیورسٹی، ۱۹۷۷ء)۔
۱۰۔ دھیریندر ورما، ہندی بھاشا کا اتہاس (الہٰ آباد: ہندستانی اکیڈمی، ۱۹۶۷ء)۔
۱۱۔ رام ولاس شرما، بھارت کی بھاشا سمسیا، دوسرا ایڈیشن (نئی دہلی: راج کمل پرکاشن، ۱۹۷۸ء)۔
۱۲۔ سنیتی کمار چٹرجی، Indo -Aryan and Hindi ، دوسرا ایڈیشن (کلکتہ : فرما کے۔ ایل۔ مکھوپادھیائے، ۱۹۶۰ء)۔
۱۳۔ سہیل بخاری، اردو کی زبان (کراچی: فضلی سنز لمٹیڈ، ۱۹۹۷ء)۔
۱۴۔ سید احتشام حسین (مترجم)، ہندستانی لسانیات کا خاکہ ازجان بیمز (لکھنؤ: دانش محل، ۱۹۷۱ء)۔
۱۵۔ سید محی الدین قادری زورؔ، ہندستانی لسانیات (لکھنؤ: نسیم بک ڈپو، ۱۹۶۰ء)۔
۱۶۔ شِتی کنٹھ مشر، کھڑی بولی کا آندولن (کاشی: ناگری پرچارِنی سبھا، ۲۰۱۳ سمبت)۔
۱۷۔ شمس الرحمٰن فاروقی، اردو کا ابتدائی زمانہ: ادبی تہذیب و تاریخ کے پہلو (کراچی: آج کی کتابیں ، ۱۹۹۹ء)۔
۱۸۔ فرینک ای۔ کی (Frank E. Keay)، A History of Hindi Literature، باز طبع (کلکتہ: وائی۔ ایم۔ سی۔ اے پبلشنگ ہاؤس، ۱۹۶۰ء)۔
۱۹۔ کرسٹوفر آر۔ کنگ (Christopher R. King)،One Language Two Scripts: The Hindi Movement in Nineteenth Century North India (بمبئی: آکسفرڈ یونیورسٹی پریس، ۱۹۹۴ء)۔
۲۰۔ گیان چند جین، لسانی مطالعے ( نئی دہلی: ترقیِ اردو بورڈ، ۱۹۷۳ء)۔
۲۱۔ گیان چند جین، ایک بھاشا: دو لکھاوٹ، دو ادب (دہلی۔ : ایجو کیشنل پبلشنگ ہاؤس، ۲۰۰۵ء)۔
۲۲۔ لچھمن ایم۔ خوب چندانی، Language in a Plural Society (شملہ: انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈی، ۱۹۸۸ء)۔
۲۳۔ مرزا خلیل احمد بیگ، لسانی تناظر (نئی دہلی: باہری پبلی کیشنز، ۱۹۹۷ء)۔
۲۴۔ مرزا خلیل احمد بیگ،اردو کی لسانی تشکیل، تیسرا ایڈیشن (علی گڑھ: ایجوکیشنل بک ہاؤس، ۲۰۰۰ء)۔
۲۵۔ مرزا خلیل احمد بیگ (مرتب)، اردو زبان کی تاریخ، دوسرا ایڈیشن (علی گڑھ: ایجوکیشنل بک ہاؤس، ۲۰۰۰ء)۔
۲۶۔ مسعود حسین خاں ، مقدمۂ تاریخِ زبانِ اردو، ساتواں ایڈیشن (علی گڑھ: ایجوکیشنل بک ہاؤس، ۱۹۸۷ء)۔
۲۷۔ مسعود حسین خاں ، اردو زبان: تاریخ، تشکیل، تقدیر، خطبۂ پروفیسر ایمے ریٹس (علی گڑھ: شعبۂ لسانیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، ۱۹۸۸ء)۔
***
اردو زبان: تاریخ، تشکیل، تقدیر
مسعود حسین خاں
۱۔ تاریخ
اردو زبان صحیح معنوں میں ایک مخلوط زبان ہے، جیسا کہ اِس کے ایک تاریخی نام ’’ریختہ‘‘ سے بھی ظاہر ہے۔ یوں تو دنیا کی اکثر زبانیں دخیل الفاظ کی موجودگی کی وجہ سے مخلوط کہی جا سکتی ہیں ، لیکن جب کسی لسانی بنیاد پر غیر زبان کے اثرات اس درجہ نفوذ کر جاتے ہیں کہ اس کی ہیئتِ کذائی ہی بدل جائے تو وہ لسانیاتی اصطلاح میں ایک مخلوط یا ملِواں زبان کہلائی جاتی ہے۔ اس اعتبار سے اردو کی نظیر کہیں ملتی ہے تو فارسی زبان میں ، جس کی ہند ایرانی بنیاد پر سامی النسل عربی کی کشیدہ کاری نے کلاسیکی فارسی کو جنم دیا۔ عربی کے اس عمل کی توسیع جب فارسی کے وسیلے سے تیرھویں صدی عیسوی میں ہندوستان کی ایک ہند آریائی بولی، امیر خسرو کی ’’زبانِ دہلی و پَیر امنش‘‘ پر ہوتی ہے تو اردو وجود میں آتی ہے۔ اس لِسانی عمل کی توسیع کی دیگر مثالیں کشمیری، سِندھی اور مغربی پنجابی ہیں ، لیکن ’’زبانِ دہلی‘‘ کی طرح یہ کبھی بھی کُل ہند حیثیت اختیار نہ کرسکیں۔
اردو کا نقطۂ آغاز ۱۱۹۳ء میں مسلمانوں کا داخلۂ دہلی ہے۔ اس کا پہلا مُستند شاعر امیر خسرو دہلوی ہے، جس کا بیشتر ہندوی کلام غیر مستند سہی لیکن جس کا شاعرِ ہندوی ہونا مُسلّم ہے۔ خسروؔ کی مثنوی ’’نہ سپہر ‘‘ میں ہمیں پہلی بار ہندوستا ن کی معروف زبانوں کی فہرست ملتی ہے۔ یہ تعداد میں بارہ ہیں : سندھی، لاہوری (پنجابی)، کشمیری، ڈوگری (دگر؟)، کنٹر، (دھورسمندری) ، تلنگی، گجراتی (گُجر)، تمل (معبری)، مغربی بنگالی (گوڑی)، مشرقی بنگالی (بنگال)، اَودھی (اَود)، اور سب سے آخر میں ’’زبانِ دہلی و پیرامنش‘‘ (یعنی دہلی اور اس کے نواح کی بولیاں )، ع
ایں ہمہ ہندویست کہ زایامِ کہن
یہ ’’مصطلحے خاصہ‘‘ ہیں ، ’’نہ از عاریتے‘‘ (یعنی اپنی انفرادی خصوصیات رکھتی ہیں )۔ ان کے علاوہ ایک اور زبان، برہمنوں کے نزدیک برگزیدہ ’’سنسکرت نام زعہدِ کہن‘‘ بھی ہے جس کے بارے میں خسرو رقم طراز ہیں ’’عامہ ندار دخبر از کُن مکنش‘‘_
خسرو نے ’’زبانِ دہلی ‘‘کے ساتھ ’’پیرامنش‘‘ کا بھی ذکر کیا ہے۔ یہ ’’پیرامن‘‘ (اطراف) جاٹوں اور گوجروں کی زبان پر مشتمل تھا۔ جاٹوں سے منسوب کھڑی بولی اور ہریانوی ہیں اور گوجروں سے متعلق برج بھاشا۔ اِنھیں کے نسوانی حسن کے بارے میں خسروؔ اس طرح رطب اللسان ہیں :
گُجری کہ تو درحسن د لطافت چو مہی
ہر گاہ بگوئی کہ ’’دَہی لیہو دَہی‘‘
جاٹوں کی زبان کھڑی اور ہریانوی (ا) بنیاد بولیاں ہیں ، یعنی ان میں اسما، صفات اور افعال کا خاتمہ بالعموم (ا)پر ہوتا ہے۔ برج بھاشا ( او) بنیاد کہی جاسکتی ہے جس میں اسما، صفات اور افعال کا خاتمہ عموماً (او) پر ہوتا ہے۔ اِسی لیے ’’پرانی ہندی‘‘ کے مصنف چندر دھر شرما گُلیری نے اسے کھڑی کے مقابلے میں ’پڑی بولی‘ کہا ہے۔
دہلی اور نواحِ دہلی کی بولیوں کا یہ ملغوبہ پرانی دلّی کے بازاروں ، حصاروں اور خانقاہوں میں تقریباً سوسال تک اپنی ابتدائی شکل میں ارتقاء پاتا رہا تا آں کہ تیرھویں صدی کے رُبعِ اوّل میں یہ فتوحاتِ علائی و تغلق کے ذریعہ گجرات کے راستے دکن تک پہنچ جاتا ہے۔ گجرات میں اس کا مقامی نام ’گُجری‘ پڑا جو غالباً ’گزری‘ کا مُہنّد ہے۔ ’گزری‘ بازار کو کہتے ہیں۔ لیکن اس کا عمومی نام ہندی یا ہندوی قائم رہا۔ دکن میں سترھویں صدی عیسوی میں اس کا مقامی نام دکھنی یادکنی پڑتا ہے، حالاں کہ وجہیؔ کی ’’زبانِ ہندوستان‘‘ کی ترکیب اور فرشتہؔ کی ’ہندوستانی‘ میں یہ واضح اشارہ ملتا ہے کہ اس کا تعلق شمالی ہند سے ہے۔ سرزمینِ دکن میں جہاں یہ سلطنتِ بہمنیہ کے قیام کے بعد پھلی پھولی مراٹھی، کنٹر اور تلگو زبانیں رائج تھیں۔ پہلی کا تعلق ہند آریائی سے ہے جب کہ آخری دو دراویدی زبانیں ہیں۔ مراٹھی چوں کہ متجانس ہند آریائی زبان تھی اس لیے اس سے لین دین کا کاروبار زیادہ رہا۔ حالاں کہ جن محققین نے دکنی پر مراٹھی کے اثرات کا شدومد کے ساتھ ذکر کیا ہے وہ اکثر یہ بھول جاتے ہیں کہ جن الفاظ کی نشان دہی وہ مراٹھی سے کرتے ہیں ان میں سے بیشتر نواحِ دہلی کی بولیوں میں تلفّظات کے ہیر پھیر کے ساتھ آج تک رائج ہیں۔ ڈاکٹر عبدالستار دلوی نے ’دکنی اردو‘ میں ایسے کئی سوالفاظ کی فہرست دی ہے جن میں سے ۸۰ فی صد الفاظ کی شناخت شمال کی ’’ہندوی ‘‘میں بآسانی کی جاسکتی ہے۔ البتہ ڈوسا (بڈھا)، بڑ بڑا(بُلبلا)، یکٹ پن (اکیلا پن)، لٹی (بہت)، گُڑگا (گھٹنا)، سپڑنا (پانا)، پیلاڑ (پرے)، پاونا (مہمان)، دار (دروازہ) قسم کے الفاظ ضرور ایسے ہیں جو مراٹھی سے کلاسیکی دکنی میں بار پا گئے ہیں۔ مراٹھی نے دو اور ایسے لسانی ٹھپے دکنی اردو پر چھوڑے ہیں جو اس کے مخطوطات کی کلید بن کر رہ گئے ہیں۔ ایک (چ) تحضیصی جو قدیم سے لے کر تا حال بول چال تک کی دکنی میں ’ہی‘ کے معنوں میں مستعمل ہے اور جو لاحقے کے طور پر اسما، افعال اور حروف ہر جگہ بے دریغ استعمال ہوتی آئی ہے۔ شمالی ہند کے صرف ایک مصنف اسمٰعیل امروہوی نے اپنی مثنویات میں اسے دو تین بار استعمال کیا ہے۔ لیکن اس کی وجہ ظاہر ہے کہ وہ ملازمت کے سلسلے میں عالمگیری لشکر سے بیس سال تک منسلک رہا تھا اور اورنگ آباد اور اس کے نواح میں اس نے یہ زمانہ گزارا تھا۔ ایک دوسرا لفظ حرفِ انکار ’نکو‘ ہے جس کا ماخذ پھر مراٹھی ہے۔ شمالی ہند میں ولیؔ کے زیرِ اثر صرف ایک دو شاعروں نے اسے ایک دو بار استعمال کیا ہے، ہر چند اس کا کوئی تعلق دہلی اور اس کے نواح سے نہیں رہا ہے:
مجھ کوں واعظ نکو نصیحت کر
یار جس سے ملے بتاوو فَن
(یک رنگ)
مراٹھی سے قطع نظر تلگو اور کنٹر کے اثرات کا بھی دکن کے بعض محققین، ڈاکٹر زور وغیرہ نے تذکرہ کیا ہے۔ یہ اثر عام طور پر چند الفاظ اور محاورات پر مشتمل ہے اور وہ بھی تحریری نہیں تقریری زبان پر۔ میرے خیال میں اگر دکنی اردو کے لہجے پر کام کیا جائے تو ان زبانوں کے اثرات بدیہی طور پر نظر آئیں گے۔ مشکل یہ ہے کہ اس قسم کا مطالعہ تحریری یا ادبی دکنی کا ممکن نہیں۔
گجری اور دکھنی میں نمایاں فرق نہیں جس کا ثبوت احمد گجراتی کی مثنوی ’’یوسف زلیخا‘‘ ہے جو اس نے گولکنڈہ کے فرماں روا محمد قلی قطب شاہ کی دعوت پر گجرات سے گولکنڈہ آ کر لکھی تھی۔ جمیل جالبی کا یہ خیال کہ ’’یہ مثنوی گجری اردو کے ترقی یافتہ زبان و بیان کا قابلِ ذکر نمونہ ہے‘‘ محلِ نظر ہے۔ اس لیے کہ اس میں سوائے عربی فارسی لغات کی قلّت کے قواعد کی وہ تمام شکلیں پائی جاتی ہیں جو دکنی مصنفین کا امتیاز تھیں۔ حتیٰ کہ دکنی اردو کے کلیدی الفاظ ’نکو‘ اور (چ) تخصیصی تک موجود ہیں۔
ان لسانی شہادتوں کے پیشِ نظر میرے اس خیال کی تائید ہوتی ہے کہ گجرات تا بیجاپور تا گولکنڈہ، ادبی حیثیت سے ایک محاورہ رائج تھا جسے ہم چودھویں صدی عیسوی کی ’’زبانِ دہلی‘‘ کہہ سکتے ہیں۔ چوں کہ شمال سے نواحِ دہلی کی ایک سے زائد بولیاں دکن پہنچیں تھیں اس لیے کچھ عرصہ تک ان میں آنکھ مچولی ہوتی رہی تا آں کہ وجہیؔ، غواصیؔ اور نصرتیؔ جیسے با کمالوں کے ہاتھوں میں پہنچ کر ان کی معیار بندی ہو جاتی ہے۔
۱۶۸۶ ء اور ۱۶۸۷ ء میں بیجاپور اور گولکنڈہ کے سقوط کے بعد اورنگ آباد ایک بار پھر سلطنتِ دہلی کا صدرمقام بن جاتا ہے۔ اورنگ زیب دکن میں ۱۶۸۲ ء میں لال قلعہ، دہلی کی سکونت ترک کر کے مستقل طور پر اورنگ آباد میں قیام پذیر ہو گیا تھا۔ شمال اور جنوب کے سارے دروازے ایک بار پھر کھل گئے۔ اورنگ آباد، شاہجہاں آباد کا ایک محلّہ معلوم ہونے لگا۔ ایسے میں ولیؔ دکن کی خاک سے اُٹھے۔ ۱۷۰۰ء میں دہلی پہنچے، اور شاہ گلشن کے مشورے پر ریختہ کو ’’بموافقِ محاورۂ شاہجہاں آباد‘‘ کرنے کی کوشش کی۔ دیکھتے دیکھتے پچاس سال کے عرصے میں دہلی میں ریختہ گویوں کی ایک کھیپ سی نکل پڑی ، ع
ولیؔ پر جوسخن لاوے اسے شیطان کہتے ہیں
کے عقیدے کے باوجود ولیؔ کی زبان میں دکنیت کی جو اجنبیت رہ گئی تھی اس پر ناک بھوں چڑھانے لگے۔ سوداؔہی کے ایک شاگرد قائمؔ نے اس طرح طنز کیا ہے:
قائم ؔ میں غزل طور کیا ریختہ ورنہ
اِک بات لچر سی بہ زبانِ دکنی تھی
مرزا مظہر جان جاناں اور حاتمؔ نے زبان کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا۔ متروکات کے نام پر اور ’مرزایانِ دہلی‘ کی سند لے کربے شمار ہندی کے الفاظ پر خطِ تنسیخ پھیر دیا۔ حاتمؔ کو شرم آئی تو اپنے ضخیم دیوان سے ۱۷۵۵ء میں ایک ’دیوان زادہ‘ کی تولید کی۔ اس کے بعد سودانے اپنے قصائد کے ذریعے اس میں فارسی لغات کا دہانہ چھوڑدیا۔ میرؔ کہتے رہے کہ ، ع
معشوق جو ہے اپنا باشندہ دکن کا تھا
لیکن اس کے باوجود جامع مسجد کی سیڑھیوں کی زبان لکھتے رہے۔
(۲)
اس بڑی لسانی تبدیلی سے ہمارے ہندی کے دانشوروں کو، جن میں پریم چند کے سپوت امرت رائے پیش پیش ہیں ، یہ نکتہ ہاتھ آیا کہ ولیؔ سے قبل دکنی اردو کے ادب کے نام سے جو کچھ اردو کے محققین کی دیدہ ریزی کی بدولت بر سرِ عام آیا ہے، وہ ہمارا یعنی ’’ہندی‘‘ کا ادبی وَرثہ ہے۔ فسادِ خون شروع ہوتا ہے ولیؔ سے اور اس کے بعد ہندی /ہندوی کا گھر تقسیم ہو گیا۔ (۱)
اِس تقسیم کے پیچھے انھیں ایک گہری سازش نظر آتی ہے جس سے اُردو کا شاخسانہ پھوٹتا ہے اور ہندی کی چِندی ہونے لگتی ہے۔ لِسانی نُقطۂ نظر سے یہ علمی بددیانتی ہے۔ ماقبل دکنی اردو کا ادب اس قدر نرم لقمہ نہیں کہ ہندی اُسے ہضم کر لے۔ ’’سبؔ رس‘‘ یا نصرتی کے قصائد کی زبان، اردو کے ارتقا کے مدارج ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ’’سب رس‘‘ کو دیوناگری میں منتقل ہوئے آج پچیس سال سے زیادہ کا عرصہ ہو چکا ہے لیکن نہ تو اسے تاریخِ ادبیاتِ ہندی میں اب تک جگہ مل سکی ہے اور نہ وہ ہندی کی درسیات میں شامل کیا جا سکا ہے۔ ڈاکٹر گیان چند جین نے ۱۹۶۲ء میں سب سے پہلے یہ شوشہ چھوڑا تھا کہ دستورِ ہند بنانے والوں کی سب سے بڑی بھول یہ ہوئی کہ اُنھوں نے آٹھویں شیڈول میں ہندی کے دوش بدوش اُردو کو بھی ہندوستان کی ۱۴ مقتدر زبانوں کی فہرست بناتے وقت پنڈت جواہر لال نہرو کے اصرار پر جگہ دے دی۔ پنڈت جی سے جب دستور سازوں میں سے کسی نے یہ استفسار کیا کہ اردو کون بولتا ہے اور کہاں کی زبان ہے تو انھوں نے کہا کہ یہ میرے گھر میں کئی پیڑھیوں سے بولی جاتی رہی ہے۔ امرت رائے نے ڈاکٹر گیان چند جین کے اس خیال پریہ عمارت کھڑی کی کہ خیر اردو کے علاحدہ وجود کا اب آئینی جواز تو ہو گیا ہے لیکن اس ملک کی سا لمیت کے لیے وہ دن روزِ سیاہ ہو گا جب ووٹ کی طاقت پر اُسے ہندی ریاستوں میں دوسری زبان منوا لیا جائے گا، جس کا سلسلہ بہار سے شروع ہو گیا ہے۔ اردو کو ان نئے بے ننگ و نام کہنے والوں کے بارے میں صرف یہ کہا جا سکتا ہے، ع
یہ جس تھالی میں کھاتے ہیں اُسی میں چھید کرتے ہیں
(۳)
اس انداز پر سوچنے والے اس لسانی حقیقت کو بھول جاتے ہیں کہ دکنی اُردو کی شکل کو آپ لاکھ دکھنی ہندی کا روپ کہیں اور اسے دیوناگری رسمِ خط میں منتقل کیوں نہ کر لیں ، وہ اُردو ہی کا ابتدائی ادب رہے گا۔ ہندی اسے برج بھاشا اور اودھی کے ادب کی طرح اپنی تاریخِ ادب کا جزو نہ بنا سکے گی۔ بعینہٖ جس طرح برج بھاشا اور اودھی کے ادب کو اُردو رسمِ خط میں لکھ کر اردو تاریخِ ادب کی روایت میں نہیں لایا جا سکتا۔ اُردو کے ڈانڈے آج بھی گیت تا غزل پھیلے ہوئے ہیں لیکن کھڑی بولی پر اس کی اساس کو ہونا شرط ہے۔ اس کی رنگارنگی میر، نظیر، غالب اور پریم چندؔ سے لے کر رتن ناتھؔ سرشار اور اقبال تک قائم ہے۔
دراصل جدید اُردو کا ارتقا ایک مخصوص ڈگر پر تاریخی عمل میں ہوا ہے۔ مثلاً اس کی مصطلحاتِ علمیہ کا میلان ابتدا سے عربی کی جانب رہا ہے۔ اس کی شعری روایت کا ماخذ شعرِ فارسی ہے۔ اس کی تراکیب، تشبیہات اور استعارات پر فارسی کی گہری چھاپ ہے۔ اس کا عروض بھی انھیں کا مرہونِ منّت ہے۔ ’’ہندوستانی‘‘، بول چال کی زبان بن سکتی ہے لیکن یہ فلسفہ و فکر اور علوم و اصطلاحات کی سطح پر مفلوج ہو جاتی ہے۔ اسی طرح اس کے رسمِ خط اور زبان میں گوشت اور ناخن کا رشتہ ہے۔ اس کی جگہ نہ لاطینی لے سکتا ہے اور نہ دیوناگری، جس کی تحریک ایک زمانے میں ترقی پسند ادیبوں کی جانب سے شدّومد کے ساتھ کی گئی تھی جس میں ڈاکٹر عبدالعلیم اور سردار جعفری پیش پیش تھے۔
تقسیمِ ہند سے قبل بیسویں صدی کے لضفِ اوّل میں اردو زبان کی ترقی ہمہ جہت انداز میں ہوتی رہی۔ پریم چند نے اسے کھینچ کر عوام کی سطح پر لا کھڑا کیا۔ اقبال نے فکر کے شہپر دے کر اسے فلسفے کی چوٹی پر پہنچا دیا۔ اسی زمانے میں جامعۂ عثمانیہ کے دار الترجمہ نے اپنی وضع کردہ اصطلاحاتِ علمیہ کے ذریعہ اسے اعلیٰ تعلیم کی گوں کا بنایا۔ اسی نسبت سے یہ ہندی سے دور ہوتی گئی جس نے اپنی توسیع کے لیے سنسکرت کا قبلہ منتخب کیا۔ کانگریس گاندھی جی کی قیادت میں ہندوستانی ’دونوں لکھاوٹوں میں ‘ کا پرچار کرتی رہی۔ ۱۹۲۵ء کے کانپور والے اجلاس میں کل ہند زبان کے لیے ’ہندوستانی‘ کاریزولیوشن تالیوں کی گونج میں پاس ہوا۔ لیکن ۱۹۳۷ء میں جب کانگریس نے سیاسی بازی مکمل طور پر مارلی تو ہندی اردو کا معاملہ دو ٹوک ہوتا گیا۔ آزادی ملنے کے فوراً بعد نومبر ۱۹۴۷ء میں گاندھی جی کی ایک مسلم چیلی، ریحانہ طیب جی نے ان کی لسانی پالیسی پر طعنہ زنی کرتے ہوئے انھیں لکھا:
’’اگر آپ نے ناگری کے ساتھ اُردو کو بھی قومی لکھاوٹ بنا لیا تو آپ ہندوستان کے اندر ایک دوسرا پاکستان کھڑا کر دیں گے۔ ‘‘
تو اِس مردِ دردیش کا جواب یہ تھا
’’اگر ہم ہندو کو یا مسلمان کو ایک ہی لکھاوٹ میں لکھنے کے لیے مجبور کریں تو ہم اس کے ساتھ ناانصافی کریں گے۔ اور جب یہ نا انصافی اقلّیت کے ساتھ ہو تو اکثریت کا گُنا ہ دگنا مانا جائے گا‘‘۔
گاندھی جی نے اپنے ان خیالات کو ایک جگہ ’’ریت کی رسّی بٹنے‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔ تقسیمِ ہند پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنا مِشن پورا کر چکے تھے۔ زمامِ کار اب دوسروں کے ہاتھوں میں پہنچ چکی تھی۔ نفرت کا جو سمندر چاروں طرف ٹھاٹھیں مار رہا تھا اس سے نہ وہ خود بچ سکے اور نہ اپنی ’ہندوستانی ‘کو بچا سکے۔ اردو والوں نے وطن سے دور نئی بستیاں بسانے کے لیے فرار شروع کیا لیکن اس سیاسی افراتفری اور انتشار کا ایک مثبت پہلو بھی نِکلا۔ پنجاب سے آئے ہوئے شرنار تھیوں کی علمی و تعلیمی زبان اردو تھی۔ ان کی مادری زبان اگر چہ پنجابی تھی، لیکن علمی و تعلیمی زبان کی حیثیت سے وہ عرصۂ دراز سے اردو کو اپنا چکے تھے۔ ہندوستان میں اُنھیں جدید ہندی کی جو سوغات پیش کی گئی اُسے انھوں نے اپنے بچّوں کے لیے تو محفوظ کر لیا لیکن خود ذہنی کشمکش کے باوجود اردو میں حوصلۂ قلم و رقم کرتے رہے۔ صحیح معنوں میں یہ صورت نکلی گویا، ع
پاسباں مل گئے کعبے کو صنم خانے سے
لہٰذا ان کی دلچسپی سے بہت جلد اردو نے پر و بال سمیٹے اور ایک نئی پرواز کے لیے تیار ہو گئی۔ اس عمل کو اُتر پردیش سے زیادہ دہلی میں دیکھا جا سکتا تھا جہاں نفرت کی جمنا زیادہ گہری تھی۔ سیکڑوں پنجابی نژاد شاعر اور افسانہ نویس نکل آئے اور ایک طرح سے اردو کی ادبی قیادت انھوں نے سنبھال لی۔ اِدھر جوں جوں سیاست میں ٹھہراؤ آنے لگا، فرار کے بجائے قرار ہندی مسلمانوں کی روش ہوتی گئی۔ اردو کے بد خواہوں نے اِس ہنگامِ باد آورد سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے اُردو ذریعۂ تعلیم کے اسکولوں اور اداروں کو تِہس نہس کرنا شروع کر دیا۔ پُرشوتم داس ٹنڈن نے ایک موقع پر ڈاکٹر ذاکر حسین سے کہا تھا:
’’ڈاکٹر صاحب اُردو کا جھگڑا بہت جلد فیصل ہو جائے گا، ہم لوگوں کو صرف پچیس سال کی مہلت چاہئیے۔ ‘‘
ان کی یہ پیش گوئی صحیح ثابت نہ ہو سکی۔ اردو برباد تو کر دی گئی لیکن بہت جلد اس کو آباد کرنے کی تحریک بھی چل نکلی۔ آزادی کے بعد ڈاکٹر ذاکر حسین ہی کی قیادت میں لاکھوں دستخطوں سے ایک محضر راشٹر پتی راجندر پرشاد کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ ساتھ ساتھ دستور کی دفعات۳۴۰ اور ۳۴۷ کے تحت اُردو کے بنیادی حقوق کا مطالبہ شروع ہوا۔ بالآخر ریاستِ بہار میں کامیابی ہوئی اور وہاں کے ریاستی لِسانی ایکٹ میں ترمیم کر کے ہندی کے ساتھ اردو کو بھی جگہ دی گئی۔ ریاستِ جمّوں و کشمیر اس سے بہت قبل اُردو کو ریاست کی واحد سرکاری زبان تسلیم کر چکی تھی۔ ہماچل پردیش نے اُردو کو ثانوی زبان کی حیثیت سے جگہ دی۔ آندھراپردیش میں اردو کو لسانی مراعات دی گئیں۔ معاملہ جا کر اٹکا تو اتر پردیش میں ، جہاں بہار کے نمونے پر اُردو کے لیے آرڈی نینس نکلتے نکلتے رہ گیا۔ اور اب تک اردو کا مقدمہ عدلیہ کی غلام گردش میں سرگرداں ہے۔ مرکزی سرکار نے چند سال قبل ترقیِ اُردو بورڈ (بعد کو بیورو)اردو کی درسی اور اشاعتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قائم کیا اور مختلف ریاستوں نے بھی اس غرض سے اردو اکادمیاں قائم کیں۔
لیکن اُردو کے بارے میں آج بھی اکثریت میں تعصّب کا دُھند باقی ہے۔ سی، پی، آئی(C.P.I.) جیسی روشن خیالی کی دعوے دار پارٹیاں بھی ٹھوکر کھا جاتی ہیں ، اور امرت رائے اور نامور سنگھ جیسے ترقی پسند ادیب بھی آج کل اردو کے درپے نظر آرہے ہیں۔ دوسری طرف خود اہلِ اُردو تا حال ہزیمت خوردگی کی ذہنیت کا شکار ہیں۔ چوں کہ انھیں اپنی زبان کی قدر کا احساس نہیں ، اس لیے خدمتِ لب کے علاوہ اس زبان کے سلسلے میں کچھ کرنے کو تیار نہیں۔
تاریخ لِسانیات شاہد ہے کہ زمانے کی گردشوں میں زبانیں پیدا ہوتی ہیں ، بنتی ہیں ، بگڑتی ہیں ، پھر جنم لیتی ہیں ، یا مٹ جاتی ہیں۔ ہندوستان میں اُردو کے سلسلے میں اہلِ اُردو کے سامنے دونوں صورتیں موجود ہیں ، اِس کی بقایا فنا؟ موت ہمیشہ زندگی سے آسان ہوتی ہے، لیکن __
زندگی نام ہے مَرمَر کے جیے جانے کا
۲۔ تشکیل
تشکیل کے نقطۂ نظر سے اردو زبان کے ارتقا کو چار واضح ادوار میں دیکھا جا سکتا ہے:
۱۔ دورِ اَوّل:قدیم اُردو شمال میں ، ۱۲۰۰ تا ۱۴۰۰ء
۲۔ دورِ دوم:قدیم اردو دکن میں ، ۱۴۰۰ تا ۱۷۰۰ء
۳۔ دورِ سِوم:درمیانی اردو، ۱۷۰۰ تا ۱۸۵۷ء
۴۔ دورِ چہارم:جدید اردو، ۱۸۵۷ ء تا حال
۱۔ دورِ اَوّل: قدیم اردو شمال میں ، ۱۲۰۰ تا ۱۴۰۰ء
اگر ہم اردو کا نقطۂ آغاز مسلمانوں کے داخلۂ دہلی کو قرار دیں تو ۱۲۰۰ تا ۱۴۰۰ سنہِ عیسوی اس کا دورِ اَوّل شمار کیا جا سکتا ہے۔ اِس عہد کے تحریری نمونے ہمیں امیر خسرو کے ہندوی کلام کے مستند حصّوں اور صوفیہ کے ہندی اقوال میں ملتے ہیں جو فارسی تالیفات میں بکھرے ہوئے ہیں۔ صوفیہ کے اقوال سے لسانی نتائج کا استخراج اِس لحاظ سے مُشتبہ رہتا ہے کہ اُن کے ادا کرنے والے صوفیوں کا تعلق ملک کے مختلف حصص سے رہا ہے ،تاہم ایسے صوفیہ کے ہندوی اقوال جن کا تعلق دہلی اور اس کے نواح سے رہا ہے، اِس سلسلے میں مستند تسلیم کیے جا سکتے ہیں۔ اس اعتبار سے بابا فرید شکر گنج اور شیخ حمید ا لدّین ناگوری کے اقوال لائقِ اعتبار نہیں۔
خسرو کے مستند ہندوی کلام اور ان صوفیہ کے اقوال کا تجزیہ کیجیے تو حسبِ ذیل قواعدی شکلوں کے بارے میں وثوق سے کہا جا سکتا ہے:
(۱) اُردو کا ابتدا سے (۱) بنیاد بولی / بولیوں پر مبنی ہونا: اِس اعتبار سے اس کا سلسلہ موجودہ کھڑی اور ہریانوی بولیوں سے ملتا ہے۔ اس خصوصیت کی مزید تائید پنجابی سے ہوتی ہے۔ دہلی میں داخل ہونے سے قبل مسلمان تقریباً ڈیڑھ سو سال تک لاہور میں قیام کر چکے تھے۔ مسعود سعد سلمان کے ہندوی کلام کا ذکر امیر خسرو تک نے کیا ہے۔ لیکن یہ غالباً لاہوری (پنجابی) میں ہو گا، زبانِ دہلوی میں نہیں۔ پروفیسر محمود شیرانی کا لسانی نظریہ__ اُردو پنجابی سے نکلی ہے، کُلّی طور پر مستند نہیں۔ لیکن ابتدائی اردو پر پنجابی کے اثرات ناگزیر ہیں۔ (ا) بنیاد ہونا اسی ضِمن میں آتا ہے۔
(۲) صوتیاتی نُقطۂ نظر سے عربی فارسی لغات کے داخلے کے ساتھ ق، ف، ز،خ، غ آوازوں (تجزصوتوں ) کا چلن: ان میں (ق) کے بارے میں تیقّن سے نہیں کہا جا سکتا۔ اِس لیے کہ اسے نہ پنجاب نے قبول کیا اور نہ دکن نے، لیکن باقی چار مُستعار آوازوں کا ’زبانِ دہلی‘ میں داخلہ کم از کم اعلیٰ اور تعلیم یافتہ طبقات میں یقینی ہے۔
(۳) ابتدا سے اردو زبان کی انفرادیت کی ایک نشانی اس کا رسمِ خط بھی ہے جو عربی فارسی رسمِ خط کی توسیع شدہ شکل ہے۔ توسیع کا یہ عمل کوز (Retroflex) آوازوں سے یقینی طور پر شروع ہو گیا تھا اور ہند آریائی ٹ، ڈ، ڑ آوازوں کے لیے تین نقطے لگا کر ت، د، ر، سے امتیاز کیا جانے لگا تھا۔ جہاں تک نفسنی آوازوں (Aspirates) کا تعلق ہے ابھی تک دو چشمی (ھ) ان کے لیے مختص نہیں ہوئی تھی اور ہائے مختفی کی مختلف شکلوں ہی سے کام لیا جاتا تھا، اس طرح کہ ’گھر‘ اور’ گہر‘، ’دھر‘ اور ’دہر‘ کا امتیاز صرف سیاق سباق سے کیا جاتا تھا۔
(۴) ہریانوی اور کھڑی کے زیرِ اثر تخفیفِ حرفِ عِلّت (جدید صوتیات کی اصطلاح میں تخفیفِ مصوتہ) کا رجحان عام تھا۔ یہ رجحان سفر کر کے دکن تک پہنچا اور دکنی اردو کا امتیازی نشان بن گیا۔ اُردو نے اپنے آگرہ کے ڈیڑھ سو سالہ قیام میں اس رجحان سے کسی قدر نجات پائی ہے لیکن صوفیہ کے اقوال میں کھٹ (کھاٹ)، لک (لاکھ) وغیرہ بعد کو بھی ملتے رہے۔
(۵) ’خیرالمجالس‘ کے ہندوی فقروں سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت بول چال کی زبان میں /ڈ/ کو/ڑ/ پر فوقیت دی جاتی تھی مثلاً ’بڈا‘ بجائے بڑا اور ’چھڈا‘ بجائے چُھڑا۔
۲۔ دورِ دوم: قدیم اردو دکن میں ، ۱۴۰۰ تا ۱۷۰۰ء
قدیم اردو کے دوسرے یعنی دکنی دور (۱۴۰۰تا ۱۷۰۰ء) تک آتے آتے اردو کی قواعدی شکلوں اور رسمِ خط دونوں میں استقامت آ جاتی ہے۔ تین سو سال کے اس دور میں تصانیف کی اس قدر بہتات ہے کہ ہم ان کی بنیاد پر قطعی لسانی فیصلے کر سکتے ہیں۔
(الف) صوتی خصوصیات:
صوتیات کی سطح پر حسبِ ذیل نمایاں خصوصیات ہیں :
(۱) تخفیفِ مصوتہ: یعنی بڑے مصوتوں کو چھوٹے مصوتوں میں تبدیل کر دینا۔ یہ کھڑی اور ہریانوی کی صوتیات کے زیراثر ہے مثلاً
اَسمان (آسماں )، ہَت(ہاتھ)، بَدَل (بادل)،سُرج (سورخ)، پُھل (پھول)، سُنّا (سونا)، ہتّھی (ہاتھی) وغیرہ۔
(۲) مصوتوں کا انفیانا، یعنی غُنّہ کا اضافہ مثلاً
بولناں (بولنا)، بونٹی(بوٹی)، توں (تو)، منج (مج)، کو نچے کونچے (کوچے کوچے) وغیرہ۔
(۳) نَفَسیت (ہکاریت) کا حَذف مثلاً
چَڑنا، سوکا، باندنا (چڑھنا، سوکھا، باندھنا)۔
(۴) کوز آوازوں کو دندانی میں تبدیل کر دینا:
دُھنڈنا، تُٹنا، دانٹنا، دھنڈورا (ڈھونڈنا، ٹوٹنا، ڈانٹنا، ڈھنڈورا)۔
(۵) /ق/کی آواز کو/خ/ کی آواز کو میں تبدیل کر دینا، مثلاً
اَخلَ (عقل)، خطرہ (قطرہ) خلعہ (قلعہ)، وغیرہ یہ رجحان شمال کے عوام کی زبان میں بھی ملتا ہے۔
(ب) صرفی خصوصیات
صرفی سطح پر پائی جانے والی خصوصیات حسبِ ذیل ہیں :
(۱) جنس : موجودہ اردو کی رُو سے تذکیر و تانیث میں غتربود، مثلاً بعض مونث، مذکر ملتے ہیں مثلاً دعا، ہستی، بلندی، لذت، محبت، نیت، جان، آواز، مدد، چھاؤں ، تحریر، نماز، بات، مجلس، مسجد۔
(۲) تعداد: جدید اردو کے برعکس دکنی اردو میں جمع کی معروف علامت ’’اں ‘‘ ہے مثلاً عورتاں ، باتاں ، کتاباں ، لوگاں وغیرہ۔ ہرچند (وں ) اور (ن) کی جمع کی مثالیں بھی خال خال مل جاتی ہیں۔
(۳) اسمائے ضمیر: مخصوص اسمائے ضمیر میں ہَوں (= مَیں )، مُنج (مجھے)، ہمنا (ہمیں )، مُو (میرا)، اَپے آپ) ،تَیں (تو)، تُمن (تم)، اُو (وہ)، اُنے (وہ)، ون کا (اُن کا)، جِے (جو)، جِنوں (جنھوں ) ، کِن (کون)، یُو (یہ) اِے (یہ) اُنوں (اِن کو)، کُچ (کچھ) قابلِ ذکر ہیں۔
(۴) افعال: دکنی اُردو میں ماضیِ مطلق الف کے اضافے سے نہیں بلکہ (یا) کے اضافے سے بنتا ہے۔ یہ ہریانوی کی مستقل خصوصیت رہی ہے مثلاً
رکھیا (رکھا)، دیکھیا (دیکھا)، کریا (کیا)، اُٹھیا (اٹھا)، آئیا وغیرہ، ع:
مبارک باددینے آئیانوروز تُج دوبار (محمد قلی قطب شاہ)
دکنی اردو کے افعالِ ناقص موجودہ اردو سے خاصے مختلف ہیں۔ ہے، ہیں ، تھا، تھی، تھے کے ساتھ اَ ہے، اَہیں ، اَتھا، اَتھی اور اَتھے بھی رائج تھے۔
مستقبل بنانے کے لیے گا، گی، گے کے علاوہ دکنی اردو کی ایک خصوصی شکل (س) کے مرکبات سے بنتی ہے جیسے، مارسوں (ماروں گا)، مارسے (تویاوہ مارے گا)۔ یہ غالباً پنجابی سے مستعار ہے۔ ’خیرالمجالس‘ کے ایک ہندوی فقرے ’’ارے مولانا! یہ بڈاہوسی‘‘ (’’یعنی ایں مردِ بزرگ خواہد شد‘‘) میں یہ پہلی بار دکھائی دیتی ہے۔
(۵) متعلق فعل: دکنی کے مخصوص متعلقِ فعل حسبِ ذیل ہیں :
اِتا، اِتال (اب)، جدہاں (جب)، کَد، کَدھیں (کب)، جَم (ہمیشہ)، جاں (جہاں )، کاں (کہاں )، آنگیں (آگے)، بِھترال (اندر)، اُپرال (اوپر)، تَلار (تلے)، نَزِک (نزدیک) ،اِیلاڑ (اِدھر)، پیلاڑ (پرے)، کی (کیوں )، کے (کیوں )، اِیتا (اتنا)، یَتا (اتنا)،، ہَو (ہاں ) (لیکن اس کے ساتھ گردن نفی میں ہلتی ہے)۔
(۶) حروف:
= علامتِ اضافت کے لیے کا، کی، کے، کے علاوہ کیرا، کیری اور کیرے بھی آتے ہیں۔
= علامتِ مفعول: کوں اور تئیں۔
= حروفِ جار: مَنے (میں )، سُوں (سے)، سیتی (سے)، تیں (سے)، پُو (پر)،کدن (طرف)۔
= حروفِ عطف: ہُور۔
= حروفِ استدراک : پَن (پر)۔
= حروفِ استثناء: باجے، بِغرَ۔
= حروف تخصیص: (چ) تخصیصی، دکنی اردو کا خاص حرف ہے جو مراٹھی سے مستعار ہے۔ یہ اسم، فعل اور حرف ہر جگہ مرکب ہو سکتا ہے۔
(ج) نحوی خصوصیات:
دکنی اردو کی نثر پر عربی فارسی کے نحوی اثرات نمایاں ہیں۔ عام ترتیب میں فاعل پہلے، پھر مفعول اور آخر میں فعل آتا ہے۔ صفت موصوف سے قبل آتی ہے اور متعلقِ فعل سے قبل حروفِ تخصیص کلمے کے ساتھ آتے ہیں۔ البتہ مطابقت میں دکنی اور جدید اردو میں کافی فرق پایا جاتا ہے۔
(۱) موجودہ اُردو میں فعلِ متعدی اپنے مفعول کے تابع ہوتا ہے، مثلاً میں نے روٹی کھائی، ہم نے روٹی کھائی، ہم نے روٹیاں کھائیں۔
(۲) دکنی اردو میں فعلِ متعدی اپنے فاعل کے تابع ہوتا ہے، مثلاً
واحد مذکر واحد مؤنث جمع مذکر جمع مؤنث
لڑکا روٹی کھایا لڑکی روٹی کھائی لڑکے روٹی کھائے لڑکیاں روٹی کھائے/ کھائیاں
دکنی میں جمع مؤنث کا اثر امدادی فعل تک پنچتا ہے، مثلاً:
’’جو کچھ باتاں بولنے کیاں تھیاں ‘‘ (سب رس)
صفت اپنے موصوف کے تابع ہوتی ہے مثلاً، ع
کَچیاں ، کونلیاں کنوانریاں ناریاں کلیاں کو نوروز آیا
(محمد قلی قطب شاہ)
دکنی اردو میں جنس میں مطابقت کے علاوہ جمع مؤنث کی صورت میں علامتِ اضافت کی بھی جمع بنائی جاتی ہے، مثلاً ’’۔ ۔ محبت کیاں چارباتاں ‘‘، ’’نازکیاں باتاں ‘‘۔
علامتِ جمع کی کوئی مثال شمال کی اردو میں نہیں ملتی، البتہ جمع مؤنث کا اثر صفت اور فعل پر شمال کی اُردو میں بھی پایا جاتا ہے۔
۳۔ دورِ سِوم: درمیانی اُردو، ۱۷۰۰ تا ۱۸۵۷ء
اِس دور کا تمام تر ادب شمالی ہند سے متعلق ہے، اور بیشتر شاعری پر مشتمل ہے۔ شاہ مُبارک آبرو اور فائز اس عہد کے اولین شاعر ہیں ، لیکن زبان کی صفائی کے سلسلے میں مظہر جانجاناں اور شاہ حاتم نے زیادہ اہم کردار ادا کیاہے۔
(الف) صوتی خصوصیات:
(۱) تخفیفِ مصوتہ اِس دور کی بھی خصوصیت ہے لیکن اس حد تک نہیں جس حد تک دکنی اردو میں ملتی ہے۔ اس سلسلے میں یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ ۱۴۰۵ ء تا ۱۶۴۸ء آگرہ سلاطینِ لودھی اور مغلوں کا دارالسلطنت رہا ہے جو عین برج کے علاقے میں واقع ہے اور برج ایک غیر مشدّد، طویل مصوتوں والی زبان ہے۔ ’نوادرالالفاظ ‘(۱۷۵۱ء) میں خانِ آرزو کا جو ردِّ عمل عبدالواسع ہانسوی کے تلّفظ کے خلاف ملتا ہے وہ اسی بات کا غمّاز ہے۔ تاہم تخفیفِ مصوتہ کی خاصی مثالیں اِس دور کے مصنفین کے یہاں مل جاتی ہیں جن کی صفائی بعد کی اردو میں ہو گئی ہے، مثلاً چند نی، چدّریں ، سُرج، چُٹ (چوٹ)، گل (گال) وغیرہ۔
(۲) مصوتوں کو انفیانے کا رجحان بھی عام رہا ہے، مثلاً نِیں (نے)، سیں (سے)، مُلاّ ں (ملا)، کرناں (کرنا)، سانّون (ساون)، پریں (پری)، نانک (ناک)، ناپخ (ناچ)، تیریں (تیری)، میریں (میری)، گیاراں ، باراں (جو آج تک اہلِ دہلی کا تلفّظ ہیں )۔
(۳) ساکن کو متحرک بنا دینا عوام تک محدود نہیں۔ ’مرزایانِ دہلی‘ بھی اس کے مرتکب ہوتے رہے ہیں مثلاً نَذر، ع
دل کو نَذر کرو تب اُس پر نظر کرو
(حاتم)
(۴) درمیانی (ہ) اور نفسی (ھ) کو حَذف کر دینے کا رجحان تا حال جاری ہے۔ قدمائے دہلی کو بھی اس سے مفر نہیں رہا ہے، مثلاً نئیں (حاتم)، کا چن (فائز) ، پنکڑی (فائز)، راک (فائز) (نہیں ، کا چھن، پنکھڑی، راکھ)۔
اس کا الٹا رجحان یعنی ہائے مخلوط (ھ) کا اضافہ بھی ملتا ہے جو دکنی اردو میں ہم دیکھتے آئے ہیں ، مثلاً بگھولے (آبروؔ)، تڑپھنا (میرؔ) ، ہُونھ (ہوں _ قصۂ مہر افروز و دلبر)، کلّھ (کل_ کربل کتھا) بَھا بھی (نوادر)، مُچھلکلا (میرؔ) وغیرہ۔
(۵) (ڑ) پر (ڈ) کو ترجیح کی روایت گاہ گاہ جاری رہتی ہے، مثلاً کاڈھ (آبرو)، بڈھاونا (نوادر)، بڈھئی (کربل کھتا)، بڈبھُس (نوادر)، ڈیوڈھی (نوادر) وغیرہ۔
(ب) صرفی خصوصیات:
(۱) جنس کا غتربود دکنی اُردو کے پیمانے پرتو نہیں ، تاہم پایا جاتا ہے، مثلاً مذکر: بہار (فائز)، جان (آبرو، میر)، سوگند، غرض، اصل، آیت، راہ ، وحی، کمر، شام (میرؔ)۔
(۲) تعداد: جدید اُردو کی مُستند علامتِ جمع (۔ وں ) اس دور میں راسخ ہو گئی ہے۔ اس کا تعلق کھڑی بولی سے ہے۔ سہارن پور کے روشن علی نے ’’عاشورنامہ‘‘ (۱۶۸۸ء) میں اس کا بھر پور استعمال کیا ہے۔ شاہ حاتم کے دیوانِ قدیم میں (۔ وں ) کی جمع پر مُشتمل قافیہ میں ایک مکمل غزل موجود ہے۔ اَلبتہ کبھی کبھی بھنواں ، اَنکھیاں ، لٹاں ، دانتاں ، انجھواں جیسی جمعیں بھی مل جاتی ہیں۔
(۳) اسمائے ضمیر اس دور میں جدید ہو گئے ہیں سوائے اس کے کہ کہیں کہیں تُمن، تُمنا، تَیں ، ہَمن، ہمنا،وَے سے سابقہ پڑ جاتا ہے، ع
کہ جس کی نِگہ کے بندھے ہیں ہمن (آبروؔ)
تیں (تو) اس دور میں کمتر مگر برابر ملتا ہے۔ پلیٹس نے اپنی قواعد (۱۸۸۴ء) میں اِسے اسمائے ضمیر میں شامِل توکیا ہے اِس نوٹ کے ساتھ کہ یہ اب متروک ہو گئی ہے۔ اِس کی مثالیں سودا ؔ اور میرؔ تک کے کلام میں مل جاتی ہیں۔
(۴) ضمیر اِستفہامیہ: کِسو، کی ضمیر فضلی، عیسوی خاں ، میرؔ اور غالبؔ سب نے استعمال کی ہے۔ غالبؔ نے اس کو بعض مقامات پر خطوط تک میں روار کھا ہے۔ یو (یہ)، اِنو (اِن)، یے (جمعِیہ)، وے (جمعِ وہ)، وِس، وِن، اِناں وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔
(۵) افعال: موجودہ اردو میں علامتِ مصدر ’نا‘ ہے، لیکن اٹھارہویں صدی تک ایسے مادے جو حروفِ عِلّت (مصوتوں ) پرختم ہوتے تھے ان میں اکثر ’نا‘ سے پہلے ایک ’و‘ کا اضافہ کر دیا جاتا تھا، مثلاً جاؤ نا، پیونا، کھاؤنا، گاؤنا، آؤنا۔ اِس صدی کے آخر تک یہ شکل غائب ہو جاتی ہے۔
مضارع میں متداول شکلوں کے علاوہ (و) کے اضافے کی شکلیں بھی اس دور میں رائج رہی ہیں جیسے، ہووے، دیوے، چھپاوے، لیوے۔ یہ عوام میں آج بھی رائج ہیں لیکن ٹکسال باہر ہیں۔
اِس دور کی اردو میں مستقبل کی سب سے دلچسپ شکل جمع مؤنث کی ملتی ہے جہاں علامتِ مستقبل بھی جمع کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ یہ اب قطعاً متروک ہے مثلاً:
’’ہم بغیر تیرے دنیا میں کیوں کر پھریں گیاں۔ ‘‘ (کربل کھتا)
مستقبل کی علامت گا، گی، گے کبھی کبھی زمانۂ حال کے لیے بھی استعمال کی جاتی تھی۔ یہ اب بھی عام بول چال میں مغربی یوپی میں سُنائی دیتی ہے،لیکن معیاری اردو سے ٹکسال باہر ہے، مثلاً:
’’ہم جاتے ہیں گے اپنے گھر‘‘۔ (کربل کھتا)
فعل کی یہ شکل میر تقی میر بلکہ ان کے بعد تک جاری رہی ہے۔
ماضیِ مطلق میں سب سے قابلِ توجہ شکل جمع مؤنث کی ہے جہاں فعل دیگر زبانوں کی طرح فاعل کے مطابق آتا ہے۔ میرؔ کی اس غزل کے قوافی ملاحظہ ہوں :
بارہاوعدوں کی راتیں آئیاں
طالعوں نے صبح کر دکھلائیاں عشق میں ایذائیں سب سے پائیاں
رہ گئے آنسو تو آنکھیں آئیاں
اس غزل کے مزید قوافی چلوائیاں ، مرجھائیاں ، جھمکائیاں ، ٹھیرائیاں ، کھائیاں بتلائیاں اور دلوائیاں ہیں۔ انیسویں صدی کے آتے آتے یہ صیغہ متروک ہو جاتا ہے۔
(۶) متعلقِ فعل: اِس دور کے حسبِ ذیل متعلقِ فعل خصوصیت رکھتے ہیں ، مثلاًایدھر، دؤں ، (اِس طرح)، اودھر، تِدھر، پھیر، آگوں ، نپٹ (بہت)، جَد، تَولَوں کدَھو، کد(کب) ،اِیتا (اتنا) وغیرہ۔
(۷) حروف: حسبِ ذیل حروف لائقِ توجہ ہیں :
سیں ، سیتی، سوں ، تے، لک، نوں (تک)، کوں ، موں (میں )، مَنے (میں )۔
(ج) نحوی خصوصیات:
اُردو جملے میں فاعل، فعل سے قبل آتا ہے اگر فعلِ لازم ہو۔ لیکن اگر جُملے میں فعلِ متعدی ہوتو پہلے فاعل، اس کے بعد مفعول، اور سب سے آخِر میں فِعل آتا ہے۔ اٹھارہویں صدی کی اردو میں عربی فارسی کی نحوی ساخت کے زیرِاثر یہ ترتیب اکثر بدل جاتی ہے، مثلاً:
= اسباب تجارت کا بہت سالایا۔ ‘‘ (باغ و بہار)
= ’’اقلیم ہندوستان کی میں ایک شہر تھا۔ ‘‘ (قصّہ مہرافروز)
فاعلی ’نے‘ کے حَدف کی وجہ سے بھی اس عہد کی اردو میں ترتیبِ کلام میں فرق پڑجاتا تھا:
= ’’تب عباس کہے۔ ‘‘ (کربل کتھا)
فاعل جمع مؤنث ہو تو اس کا فعل بھی اس کے تابع ہوتا تھا:
= ’’یہ باتیں ہوتیاں تھیں۔ ۔ ۔ ‘‘ (باغ وبہار)
فاعل جمع مؤنث ہو تو صفت بھی جمع کی شکل اختیار کر لیتی تھی، ع
نہ میں کہتا تھا اے ظالم کہ یہ باتیں نہیں بھلیاں
(سودا)
اردو کے نحوی ارتقاء کی شکل کو نہایت خوبی سے اس جملے کی مدد سے دکھایا جاسکتا ہے:
۱۔ جواہرات کیاں رنگ برنگیاں کو ٹھریاں بھریاں تھیاں۔
(دکنی اردو، چودھویں پندرھویں صدی (شمالی ہند)
۲۔ جواہرات کی رنگ برنگیاں کوٹھریاں بھریاں تھیاں ۔ سترھویں صدی
۳۔ جواہرات کی رنگ برنگی کوٹھریاں بھریاں تھیں۔ (اٹھارہویں صدی)
۴۔ جواہرات کی رنگ برنگی کوٹھریاں بھریں تھیں۔ (انیسویں صدی)
۵۔ جواہرات کی رنگ برنگی کوٹھریاں بھری تھیں۔ (جدید دور)
غر ض یہ کہ انیسویں صدی کے آغاز تک اردو زبان اپنی صوتیات، صرف ونحواور کسی حد تک لغات کے نقطۂ نظر سے ایک ایسی معیار بندی اختیار کر چکی تھی کہ سارے ہندوستان کے شعراء وادیب اس کی پیروی ضروری سمجھتے تھے۔ ۱۷۹۲ء میں مرزاجان طپش دہلوی نے ڈھاکہ میں بیٹھ کر وہاں کے نواب کے حکم سے ایک مختصر سی لغت ’’شمس البیان فی مصطلحات الہندوستان‘‘ مقامی معاصروں کی رہنمائی کے لیے لکھی۔ سید انشاء اللہ خاں نے ۱۸۰۸ء میں اپنی معرکۃ الآرا تصنیف ’دریائے لطافت‘ تصنیف کی اور میر تقی میر کے ’’لہجۂ اکبر آباد و شمولِ الفاظِ برج و گوالیار در وقتِ تکلّم‘‘ کی جانب اشارہ کیا۔
اردو کی نوک پلک کی درستی بالآخر شیخ امام بخش ناسخؔ اور ان کے پیروؤں نے لکھنؤ میں کی۔ ناسخؔ (متوَفی۱۸۳۸ء) کی اردو دانی کے غالبؔ جیسے دلّی والے تک قائل تھے۔
(۱) مضارع کی (۔ تا) اور اس کی شکلوں پر مہر سند لگ جاتی ہے (حالاں کہ غالبؔ اس کے بعد بھی لکھتے رہے، ع
کھینچتا ہوں جس قدر مجھ سے وہ کھنچتا جائے ہے۔
(۲) ’و‘ زائدہ سے مرکب افعال کی شکلیں متروک ہونے لگیں جیسے دیوے، لیوے، ہووے، ہووے گا، دیویں گے، لیویں گے۔ حالانکہ مغربی یو پی اور اودھ کے خاص گھرانوں میں ان کا رواج بعد تک رہا ہے۔
(۳) علامت گا، گی، گے کا مضارع کے لیے استعمال یکم قلم متروک، ہو گیا۔
(۴) مؤنث جمع اسم سے فعل کا متاثر ہونا مثلاً ’’گھٹائیں چھائیاں ‘‘ متروک قرار پایا ،ہر چند میر انیس اپنے خاندان کی زبان کہہ کر آئیاں ، جائیاں ، بجائیاں لکھتے رہے۔
(۵) اِسماء ضمائر میں حسبِ ذیل متروک قرار پائے:
تیں (تو)، تِس (اُس)، ع
ایک دل تِس پر یہ نا اُمید واری ہائے ہائے (غالب)
کِسو (میرؔ اور غالبؔ)، وے (جمعِوہ) ،یے (جمعِ یہ)۔
(۶) حروف میں حسبِذیل متروک قرار پائے:
آگو، سیتی، کبھو، جوں ، نِت، پرے (میرو غالبؔ) ، بِن (غالب)۔
(۷) اسماء میں عرصۂ دراز سے مستعمل بعض الفاظ متروک قرار پائے:
دِوانہ (میرؔ)، جگ، پات (میر)، جاگہ (میر)، ماٹی (تمام متقدمینِ اردو) شور شرابا، پرواہ (ہائے مختفی کے ساتھ)، لوہو (میرؔ)، وغیرہ۔ دہلی میں غالبؔ اور لکھنؤ میں میر انیس نے ان اصلاحات کا ہمیشہ تبتع نہیں کیا۔ تاہم آخرا لامران سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہے۔ غالبؔ رجب علی بیگ لکھنوی کی زبان دانی کے معترف تھے۔
لیکن حقیقت یہ ہے کہ سر سید کے زمانے تک قواعدِ زبان کی سختی سے پابندی نہیں کی جاتی تھی۔ خاص طور پر اردو نحو پر فارسی کے اثرات قائم رہے۔ سر سید تک نے وے (جمع وہ) اور کر کر کا استعمال روا رکھا۔ انھیں سے بدعت انگریزی الفاظ کی چلی۔ ان کے معاصرین جو انگریزی میں شُدبد رکھتے تھے انگریزی کے الفاظ بے دھڑک استعمال کرنے لگے۔ صحافت نے اس رجحان کو مزید تقویت دی۔
انیسویں صدی کے ربعِ اوّل تک نذیر احمد، حالی، شبلی اور شرر کی بدولت ایک کل ہند معیار کی تشکیل ہو چکی تھی ’فرہنگِ آصفیہ‘ اور’ امیر اللغات‘ کے اجزا مرتب ہو چکے تھے اور بالآخر ۱۹۱۴ء میں مولوی عبدالحق نے ’اردو قواعد‘ کا پہلا ایڈیشن شائع کر کے اس کا قواعدی چوکھٹا متعین کر دیا۔
تاہم ذخیرۂ الفاظ کی توسیع کا سلسلہ جاری رہا۔ ابوالکلام آزاد اور اقبال نے اسے عربی و فارسی کا رنگ و آہنگ عطا کیا۔ پریم چند نے اس کے ڈانڈے ہندی سے جا ملائے۔ لیکن اس سلسلے میں سب سے زیادہ اہم کام جامعۂ عثمانیہ کے دار الترجمہ نے کیا اور اصطلاحات سازی کے ذریعہ عربی کا دہانہ اس میں کھول دیا۔ اصطلاحات سازی کے سلسلے میں اس وقت بھی دو اندازِ فکر تھے اور اب بھی ہیں۔ بعض لوگ سائنسی مضامین میں بین الاقوامی اصطلاحات کے طرف دار ہیں۔ ہندی ڈائریکٹریٹ (مرکزی سرکار) کا اصرار رہا ہے کہ سنسکرت کی اصطلاحات کو قبول کر لیا جائے تاکہ کم از کم اس سطح پر ہندوستانی زبانوں میں یکسانی رہے، حالاں کہ تمل انھیں رد کر چکی ہے۔ اردو کے لیے بھی ان سنسکرت بنیاد اصطلاحات کا قبول کرنا ممکن نہیں ہے۔ اس لیے چارۂ کار اس کے سوا اور کچھ نہیں کہ ہم علومِ معاشرتی کے لیے اپنی اصطلاحات خود وضع کریں اور علومِ طبیعی میں کچھ اپنی اور کچھ بین الاقوامی، تلفظ کے ہیر پھیر کے ساتھ قبول کر لیں۔ بین الاقوامی اصطلاحات کو جوں کا توں قبول کرنے میں بڑی دقّت یہ پیش آتی ہے کہ اُردو کی صَرف پر ان کا زبردست بوجھ پڑتا ہے۔ علمی اصطلاح سے جو شاخسانے پیدا ہوتے ہیں وہ صرفی شکلوں کو اپنے ساتھ لے کر آتے ہیں جو کسی بھی زبان کو مصنوعی بنا دینے کے لیے کافی ہیں۔ اِس سلسلے میں ہمیں پڑوسی ملک کی کارگزاری پر بھی نظر رکھنی پڑے گی جہاں اصطلاح سازی کا کام بڑے پیمانے پر ہو رہا ہے۔ لاطینی بنیاد اصطلاحات کا اشتراک امریکن اور انگلستان کی انگریزی تک محدود نہیں ، یورپ کی تمام بڑی زبانیں ان کے زمرے میں آ جاتی ہیں۔
۳۔ تقدیر
لسانی مباحث میں ’تقدیر‘ کا لفظ زرا بے محل ساد کھائی دیتا ہے۔ لیکن میں نے اس لفظ کو ’ مُستقبل‘ پر اس لیے ترجیح دی ہے کہ اس کے ذریعہ تاریخ کے مقدّرات کی جانب اشارہ کرنا مقصود ہے، جن سے اردو زبان آج کل دوچار ہے۔
اردو زبان تاریخ کے ایک سَیل کی رَو میں پیدا ہوئی۔ آج یہ سیاست کی زد میں آ کر اپنے وجود پر پیچ و تاب کھا رہی ہے۔ ایک طرف اس کے بارے میں خوش فہمیاں ہیں جن کے سبب ہم اس کی صورتِ حال کو صحیح طور پر سمجھنے سے قاصر ہیں۔ دوسری جانب اغیار میں اس کے سلسلے میں کچھ ایسی غلط فہمیاں پھیل گئی ہیں اور اس کو اس قدر خطرناک مجرم قرار دے دیا گیا ہے کہ سیاسی اختلافات رکھنے والی پارٹیاں بھی اس کی مخالفت میں ایک رائے ہو جاتی ہیں۔
پہلے اپنی خوش فہمیوں سے بحث کر لی جائے:
اردو والے اب تک اسے ایک ہمہ گیر زبان سمجھتے ہیں اور ۱۹۴۷ء سے قبل کی زبان میں اسے ایک کُل ہند حقیقت تسلیم کرانے پر اصرار کرتے ہیں ، جب کہ ہندوستان کا ایک ضلع بھی ایسا نہیں ہے جہاں اس کو مادری زبان لکھوانے والے اکثریت میں ہوں۔ یہ ضرور ہے کہ یہ ہندوستان کی چھٹی بڑی زبان ہے، جس کے بولنے والوں کی مجموعی تعداد ۱۹۸۱ء کی مردم شماری کے مطابق تین کروڑ ترپن لاکھ تیئیس ہزار دوسو اٹھائس (۲۲۸،۲۳،۵۳،۳) ہے جو ہندوستان کی پوری آبادی کا تقریباً سوا پانچ فی صد ہے۔ یہ تعداد گجراتی، کنّڑ، ملیالم، اڑیا، پنجابی، اَسمیا اور کشمیری زبانیں بولنے والوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہر مردم شماری میں اس سے متعلق دھاندلی ہوتی آئی ہے اور اس کے بولنے والوں کے اندراجات میں صحت کا خیال نہیں رکھا گیا ہے۔ صرف ۱۹۷۱ء کی مردم شماری کے اعداد و شمار کو لے لیجئے، اور دیکھئے کہ بعض ریاستوں میں کس طرح اس کو بولنے والوں کی تعداد اتنی بھی نہیں لکھی گئی جتنی کہ اس ریاست کی مُسلم آبادی کا اندراج ملتا ہے۔
مسلم آبادی اردو آبادی تفادت
۱۔ اترپردیش ایک کروڑ ۳۶ لاکھ ۹۲ لاکھ ۷۳ ہزار ۴۳ لاکھ ۷۶ ہزار
۲۔ بہار ۷۵ لاکھ ۹۴ ہزار ۴۹ لاکھ ۹۳ ہزار ۲۶ لاکھ
۳۔ مہاراشٹر ۴۲ لاکھ ۳۳ ہزار ۳۶ لاکھ ۶۱ ہزار ۶ لاکھ
۴۔ آندھراپردیش ۳۵ لاکھ ۲۰ ہزار ۳۲ لاکھ ۹۹ ہزار ۳ لاکھ
۵۔ کرناٹک ۳۱ لاکھ ۱۳ ہزار ۲۶ لاکھ ۳۶ ہزار ۵ لاکھ
دونوں قسم کی آبادی کا فرق اترپردیش اور بہار میں ، جنوب کی ریاستوں مہاراشٹر، آندھراپردیش اور کرناٹک سے بہت زیادہ ہے۔ یہ بھی ظاہر ہے کہ مذہب کے خانے میں اسلامی ناموں میں دھاندلی اس قدر آسانی سے نہیں کی جا سکتی جتنی کہ ہندی اردو کو ایک زبان بتا کر۔ پھر اُردو کو مادری زبان تسلیم کرنے والے غیر مسلموں کی تعداد اب ’چند در چند‘ سہی تاہم کچھ تو ہے۔ اس جدول سے آپ کو اس بات کا بھی علم ہو جائے گا کہ اردو سے دھاندلی کا دھندہ ہندی کی ریاستوں میں زیادہ ’کالا‘ ہے۔ غیر ہندی ریاستوں میں مُسلم آبادی اور اردو کے اندراجات میں اس قدر فرق نہیں ملتا۔
اردو کے سلسلے میں ایک اور تاریخی حقیقت کا اظہار بھی یہاں بے مصرف نہیں ہو گا۔ مشترکہ زبان کی حیثیت سے اردو کا نقطۂ عروج ۱۹۰۰ء کے قریب ملتا ہے، حالاں کہ ہندی اردو جھگڑے کا آغاز ہنگامہ غدر کے فوراً بعد سے ہو گیا تھا، جب سر سید جیسے محبِ وطن کو بنارس میں اِس سلسلے پر ۱۸۶۷ء میں پہلا دھکّا لگا تھا۔ یہ بات حالیؔ کی زبان میں سُنیئے :
’’چنانچہ ۱۸۶۷ء میں بنارس کے بعض سربرآوردہ ہندوؤں کو یہ خیال پیدا ہوا کہ جہاں تک ممکن ہو تمام سرکاری عدالتوں میں سے اردو زبان اور فارسی رسم الخط کے استعمال کو موقوف کرانے میں کوشش کی جائے اور بجائے اس کے بھاشازبان جاری ہو جو دیوناگری میں لکھی جائے‘‘۔
سرسیّد کہتے تھے کہ ’’یہ پہلا موقع تھا جب کہ مجھے یقین ہو گیا کہ اب ہندو مسلمانوں کا بطور ایک قوم کے ساتھ چلنا اور دونوں کو مِلا کر سب کے لیے ساتھ ساتھ کوشش کرنا محال ہے۔ ‘‘
لیکن وہ غیر مُسلم جو اردو کے دائرے میں داخل ہو چکے تھے ان کی اس سے محبت کسی طرح کم نہیں ہوئی۔ رتن ناتھ سرشارؔ، برج نرائن چکبست، پریم چند، سرتیج بہادر سپرو، پنڈت د تاتریہ کیفی، آنند نراین ملّا ایسے بیسیوں نام ہیں جن کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔ ان کے دم سے اردو کا خم باقی ہے۔
اسی زمانے میں بیشتر غیر مسلموں نے اپنے لسانی دائرے بدلنا شروع کر دیئے۔ انھیں جدید ہندی کے ارتقاء میں اپنی ’پراچین سبھیتا‘ کا ایک نشان نظر آیا، اور یہ حقیقت بھی تھی۔ لہٰذا بیسویں صدی میں اردو کے حلقے سے ہندی کے حلقے میں داخل ہونے کا یہ عمل تیز تر ہو گیا۔ کانگریس نے گاندھی جی کی قیادت میں ’ہندوستانی دونوں لکھاوٹوں میں ، کا پروگرام تیار کیا۔ ۱۹۲۵ء کے کانپور کے کانگریس سیشن میں اس مقصد کے یے ایک باقاعدہ ریزولیوشن بھی پاس کر دیا گیا، لیکن پُرشوتم داس ٹنڈن اور ان کی ہندی ساہتیہ سمیلن نے اس نکتہ پر ’پوجیہ‘ گاندھی جی کی بات تک نہیں مانی اور انھیں سمیلن سے استعفیٰ دینا پڑا۔
اِدھر سر سید کے زمانے سے اردو اپنے دفاع کی جدوجہد میں مصروف تھی۔ یہ محسن ا لملک ہی تو تھے جو لفٹنینٹ گورنر میکڈانل کی ایک دھمکی میں اُردو کے محاذ سے یہ شعرِ فاتحہ پڑھتے ہوئے دستبردار ہوئے تھے،ع
عاشق کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے
دراصل اہلِ اردو کی یہ کوتاہ نظری رہی ہے کہ انھوں نے ابھرتی اور بڑھتی ہوئی ہندی کے مقام کو نہیں پہچانا اور اسی نسبت سے دبتی اور گھٹتی ہوئی اردو کا مقام ایک لسانی اقلیّت کے طور پر متعین کرنے سے ا غماض کرتے رہے۔ فلموں اور مشاعروں کے حوالوں سے وہ اردو کی برتری قائم رکھنے کی کوشش کرتے رہے اور اپنے تعلیمی اداروں میں اسے ایک علمی زبان بنانے سے غفلت برتتے رہے۔ مجھے یہ کہنے میں ذرا بھی باک نہیں ہے کہ علی گڑھ نے سر سیّد سے لے کر تا حال اُردو کے حق کو ادا نہیں کیا ہے۔ اس کے سربراہوں نے اُردو کی لڑائی کالج کی چہار دیواری کے باہر تو لڑی اپنے صحن میں نہیں۔ یہی حال جامعہ ملّیہ اسلامیہ کا ہے جو ایک اُردو اساس ادارے کے طور پر وجود میں آئی اور رفتہ رفتہ اپنے اصل کردار کو کھوتی گئی۔
یہیں سے یہ تکلیف دہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا اردو، اہلِ اردو کے لیے ایک ’قدر‘ کا حکم رکھتی ہے؟ اگر ایسا ہے تو خاص طور پر ہمارا تعلیم یافتہ اور متوسط طبقہ اپنے بچوں کی تعلیم میں اس کی جانب سے اغماض کیوں کررہا ہے؟ غیر مسلموں کے ذہنی رویے کو تو سمجھا جا سکتا ہے۔ اردو کے ایک غیر مُسلم معروف پروفیسر نے ایک بار بڑی صفائی سے کہا تھا کہ اردو میری پیشے کی زبان ہے تہذیبی زبان نہیں ، حالاں کہ غیر مُسلم حضرات میں معدودے چند ایسے حضرات بھی ہیں جن کے رگ و پے میں اُردو اسی طرح سرایت کیے ہوئے ہے جس طرح کسی اردو کو چاہنے والے مسلمان میں __ میں آنند نرائن مُلّا کا وہ بیان کبھی نہیں بھول سکتا جو انھوں نے اردو کانفرنس میں آزادی ملنے کے فوراً بعد دیا تھا:
’’میں اپنا مذہب چھوڑ سکتا ہوں ، لیکن اپنی مادری زبان نہیں چھوڑ سکتا‘‘!
کیا کوئی مسلمان اردو کے عشق میں یہاں تک جا سکتا ہے؟ حالاں کہ اردو کا خلقیہ (Ethos) بیشتر اسلامی ہے اور آزادی کے بعد مذہب کی طرح یہ اسلامی تشخّص کی سب سے بڑی علامت بنتی جا رہی ہے۔ لیکن ہمارے قائدین مِلّت اِس نکتے سے تا حال بے خبر ہیں۔ وہ فروعات کو اصل اسلام سمجھتے ہیں ، ان کے لیے بڑی بڑی تحریکیں چلاتے ہیں لیکن اردو زبان کے سلسلے میں نہ کوئی جلوس نکالتے ہیں اور نہ دھرنا دینے کے قائل ہیں۔
اردو کی لڑائی ہمیں دو محاذوں پر لڑنی ہو گی۔ سیاست کے میدان میں اور اپنے گھر کے آنگن میں۔ میں گھر کے آنگن کی لڑائی کو بُنیادی سمجھتا ہوں۔ اس لیے کہ کسی بھی تہذیب کی اساس میں زبان کو بنیادی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ عربی کے بغیر اسلام کا، سنسکرت کے بغیر ہندو دھرم کا اور عبرانی کے بغیر اسرائیلیت کا تصوّر نہیں کیا جا سکتا۔ بیشتر قومیتوں کی بنیادیں زبان پر قائم ہیں۔ زبان کھو کر کوئی جماعت اپنے خُلقیہ (Ethos) کو قائم نہیں رکھ سکتی۔
اگر اردو والوں کا اعتقاد ایک بار اپنی زبان پر راسخ ہو جائے اور وہ اسے اپنے تشخص کے لیے ایک لازمی عنصر گرداننے لگیں تو اس کے تحفّظ و بقا کے کئی پروگراموں پر عمل کیا جا سکتا ہے، مثلاً:
(۱) اردو کے آئینی حق کو تسلیم کرانے کے لیے ریاستِ بہار کے انداز پر اُترپردیش اور دیگر ریاستوں میں جہاں اردو بولنے والے کافی تعداد میں موجود ہیں اُس ریاست کی زبان کے ایکٹ میں ترمیم کرا کے اردو کا ثانوی حیثیت سے اس میں شمول کرانا:(۱) اس راہ میں سنگِ گراں حائل ہیں۔ البتہ اس کے لیے ہمیں ہر سیاسی جماعت کے روشن خیال طبقے کا تعاون حاصل کرنا ہو گا۔ بائیں بازو کی جماعتیں جو خود کو اس کا دعویدار کہتی ہیں ، اس کے لیے زیادہ جواب دہ ٹھہرائی جائیں۔ افسوس کی بات ہے کہ چند برس پہلےCPI حاوی ترقی پسند مصنفین کی انجمن نے لکھنؤ میں اردو کو دوسری زبان بنانے کی تجویز کی پُر زور مخالفت کی۔ اس مکتبِ فکر کے ایک سرگرم رکن پروفیسر نامور سنگھ، ساری ترقی پسندی اور روشن خیالی کو بالائے طاق رکھ کر آج کل اردو کے خلاف خوب زہر اُگل رہے ہیں۔ کانگریس کا رویہ اردو کے سلسلے میں آزادی ملنے کے بعد سے اب تک لطائف الحیل کا رہا ہے۔ الیکشن کے قریب غزل کے سے وعدہ و وعید شروع ہو جاتے ہیں۔ الیکشن مینی فیسٹو میں اُردو کے حقوق کا شد و مد کے ساتھ ذکر کیا جاتا ہے لیکن بعد کو ایک واسدیو اُترپردیش کی وزارت کے فیصلے کو کھٹائی میں ڈال دینے کو کافی ہوتا ہے۔ لہٰذا اُردو کے حقوق کے سلسلے میں سیاسی دباؤ ہی نہیں ، مناسب وقت پر سیاسی سودے بازی سے بھی اجتناب نہیں کرنا چاہئیے۔
(۲) اردو کے تعلیمی نظام کی از سرِ نو تشکیل کی ضرورت :اتر پردیش میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تین اسکولوں کو چھوڑ کر ایک بھی اردو میڈیم کا ہائی اسکول باقی نہیں رہا۔ متوسط طبقے کے بچّے یا تو انگریزی میڈیم کے اسکولوں کا رُخ کرتے ہیں یا جن کے والدین ان کے اخراجات کے کفیل نہیں ہو سکتے وہ سرکاری ہندی میڈیم کے اسکولوں میں داخلہ لینے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس ریاستِ بہار، آندھراپردیش، اور مہاراشٹر میں بڑی تعداد میں اردو ذریعۂ تعلیم کے اسکول کامیابی کے ساتھ سرکاری امداد سے چل رہے ہیں۔ یہ ضرور ہے کہ ہمارے مکتبوں میں ، دینی تعلیم کے رہنماؤں کی بدولت اردو کے ذریعہ سے تعلیم دی جا رہی ہے لیکن ان میں تعلیم حاصل کرنے والے بچّوں کا تعلق بالعموم نچلے اور نادار طبقے سے ہے۔ یہ بچّے جب ثانوی اسکول کے درجوں میں آ کر اپنا ذریعۂ تعلیم بدلتے ہیں تو درجے میں پھسڈّی رہ جاتے ہیں۔ اس لیے ہمیں اردو ذریعۂ تعلیم کی از سرِ نو تشکیل کی سخت ضرورت ہے۔ اِس سلسلے میں ایسے ادارے جن کے آگے ’مسلم‘ یا ’اسلامیہ‘ کے الفاظ لگے ہوئے ہیں ، اُن کا یہ فرض ہو جاتا ہے کہ وہ اردو ذریعۂ تعلیم کی تشکیل کا آغاز اپنے یہاں سے کریں۔
(۳) دراصل ہم جب بھی ذریعۂ تعلیم کے بارے میں سوچتے ہیں تو روزی روٹی کمانے کے لیے سرکاری ملازمتوں کو پیشِ نظر رکھتے ہیں۔ لیکن یہ بات اعداد و شمار سے ثابت کی جا سکتی ہے کہ سرکاری ملازمتیں بیس فی صد سے بھی کم روزی روٹی کا بندوبست کرتی ہیں۔ اردو والوں کے سلسلے میں تو ۳، ۴ فی صد سے بھی کم، لہٰذا کمائی کا وسیلہ درحقیقت دیگر پیشے ہیں جن کے لیے مادری زبان کے ذریعہ دی ہوئی تعلیم سے بخوبی کام چل سکتا ہے۔ البتہ اس تعلیم کو جدید انداز کا ہونا چاہئیے__ دینی کے ساتھ دنیوی بھی۔
(۴) اُردو ذریعۂ تعلیم کے نظام میں ہمیں دوسری ملکی اور غیر ملکی زبانوں کی تعلیم کا بھی مناسب بندوبست کرنا ہو گا۔ انگریزی کا وہ مقام قائم نہیں رہ سکتا جو اب تک رہا ہے۔ ہندی زندگی کے ہر شعبے میں رابطے کی زبان کی حیثیت سے انگریزی کی جگہ نہیں لے سکتی۔ اُردو والوں کے لیے دونوں کا اپنا اپنا مقام ہو گا جو ان کی عملی ضروریات کے پیشِ نظر متعین کرناہو گا۔ غیر ہندی کے علاقے کے اردو والوں کو وہاں کی علاقائی زبان (تمِل،تِلگو، مراٹھی وغیرہ) بھی سیکھنا ہو گی۔ اِسی نسبت سے ان کو ہندی جاننے کی ضرورت کم ہو گی۔
(۵) میرے لیے اس کا تصوّر بھی نا ممکن ہے کہ روزی روٹی کے نام پر یا سرکاری ملازمتوں کی لالچ میں کوئی گروہ اپنی نئی نسل کو اپنے لسانی وَرثے اور تَرکے سے محروم کر دے۔ میں اسے اخلاقی دیوالیہ پن کہوں گا۔ ہر جماعت کی زبان اس کے تشخّص اور شناخت کا مرکزی نقطہ ہوتی ہے۔ یہ بعض اوقات عقائد سے بھی زیادہ مؤثر اور قوی تر بن جاتی ہے۔ ہماری آنکھوں کے سامنے بنگلہ دیش کی مثال ہے۔ میں خالصتان کی تحریک میں بھی پنجابی زبان اور گورمکھی رسمِ خط کے تحفّظ کو بنیادی نکتہ سمجھتا ہوں۔ جب کوئی تامل سربراہ یہ کہہ اٹھتا ہے کہ میں پہلے تامل ہوں اور بعد کو ہندوستانی، یا دستورِ ہند کی جلدوں کو نذرِ آتش کرتا ہے تو اس کے پیچھے بھی مذہبی نہیں لسانی تحفّظ کا جذبہ کارفرما ہوتا ہے۔
یہ اردو والوں کی بدقسمتی ہے کہ اپنی زبان کے بارے میں وہ اس شدّت سے محسوس نہیں کرتے۔ ہندی ریاستوں میں اُن کے تعلیمی نظام کو برباد کر دیا گیا ہے۔ اردو بولنے والے بچوں کو ابتدائی تعلیم تک دینے کی سہولتیں ان کی مادری زبان میں فراہم نہیں کی جاتیں جو دستورِ ہند کی ہدایات اور دفعات کے عین منافی ہے۔ اگر ہم لب کُشا ہوتے ہیں تو ہماری حب الوطنی اور وفاداری کو مُشتبہ قرار دیا جاتا ہے۔ الیکشن کے موسم میں وعدے کیے جاتے ہیں لیکن وہ ایفا نہیں ہوتے۔ ہماری توجہ کو بنیادی مسائل سے ہٹا کر اکاد میوں کے مناصب اور انعامات کی فروعات میں اُلجھا دیا جاتا ہے۔ خود اردو بولنے والوں کو اس بات کا احساس نہیں رہا کہ ہم کیا کھو کر کیا پا رہے ہیں ؟ ہم اردو زبان کو کھو کر کیا رہ جائیں گے؟ لِسانیات کے ایک طالب علم کی حیثیت سے میں اس کے تصوّر سے بھی کانپ اٹھتا ہوں ، لیکن شکست خوردگی کا احساس تو ہمارے اندر آزادی کی صبح پیدا ہو گیا تھا۔ یقین نہ آئے تو گاندھی جی کی چیلی ریحانہ طیب جی کے اُس خط کا اقتباس سُنیے جو اُنھوں نے ’پوجیہ‘ باپوجی کو لکھا تھا، لکھتی ہیں :
’’جب تک ہندوستان سالم تھا، اسے سالم رکھنے کی امید تھی۔ تب تک ناگری لکھاوٹ کے ساتھ اردو لکھاوٹ کو چلانا میں مناسب بلکہ ضروری جانتی تھی۔ آج ہندوستان پاکستان دو الگ مُلک بن گئے ہیں۔ ۔ ۔ پھر ناگری کے ساتھ اردو کو بھی قومی لکھاوٹ (بنانے کی)کیا ضرورت؟۔ ۔ ۔ اگر آپ نے ناگری کے ساتھ اردو کو بھی قومی لکھاوٹ بنا لیا تو آپ ہندوستان کے اندر ایک دوسرا پاکستان کھڑا کر دیں گے۔ ۔ ۔ اب ایک مُسلم ہندوستانی کی حیثیت سے میری التجا ہے کہ خدا کے لیے مسلمان ہندوستانیوں کو اپنے ہی ملک میں پردیسیوں کی طرح رہنے کے لیے بڑھاوا نہ دیجیے۔ ‘‘
ہندوستان میں اردو سے متعلق یہ ذہنیت آج بھی کام کر رہی ہے۔ اکثریت کا خیال ہے کہ اُردو کو بڑھاوا دینے سے ہندوستان کی سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔ اقلیت اپنی انفرادیت کی تلاش میں ہے لیکن اس کے سربراہ جن کا تعلق متوسط طبقے سے ہے، خوف یا مصلحت کی بناء پر کچھ کرنا نہیں چاہتے۔ ہم نے اپنے دل و دماغ کی گہرائیوں میں ، ایسا معلوم ہوتا ہے، مذہب کو زبان سے علیٰحدہ کر لیا ہے۔ ایک میدان میں ہم خوب بھڑکنا جانتے ہیں اور دوسری جگہ پھڑکنے کے مذبوحی عمل کے سوا ہم سے کچھ سرزد نہیں ہوتا۔ لیکن وہ لوگ جو اپنے تہذیبی ورثے کی حقیقتِ بسیط کا ایک کلّی تصور رکھتے ہیں ، خوب جانتے ہیں کہ کسی ایک کی قیمت پر دوسرے کو ترک نہیں کیا جا سکتا۔ اقبالؔ سے اعتذار کے ساتھ:
نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے ’اردو زباں ‘ والو!
تمھاری داستاں تک بھی نہ ہو گی داستانوں میں
(خطبۂ پروفیسر ایمریٹس، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ، علی گڑھ، ۱۳/ جنوری ۱۹۸۸ء)
___ نظرِ ثانی شدہ، ۲۷/ مئی ۲۰۰۴ء
***
مرتب سے اجازت اور تشکر کے ساتھ
ان پیج فائل سے اردو تحریر میں تبدیلی، پروف ریڈنگ اور ورڈ پروسیسنگ: اعجاز عبید
اطلاقی لسانیات
مدیر:پروفیسر خلیل احمد بیگ
دو حصوں میں:
اُسلوبیاتی تنقید
ایک مطالعہ
سیدہ جعفر
بیسویں
صدی کے نصفِ آخر سے ادب شناسی کے نئے امکانات اجاگر ہونے لگے۔ تنقید میں
شعر کی تفہیم و تحسین کے نئے زاویے متعارف ہوئے اور ادبی تخلیق کے لیے
تعینِ قدر ومقام کے بدلے ہوئے معیاروں نے نیا تشخص قائم کیا۔ اردو ادب میں
تقابلی تنقید، تاثراتی اور جمالیاتی رویے، نفسیاتی تجزیے اور اشترا کی
اندازِ نظر کے تحت کلیم الدین احمد، نیاز ، مجنوں گورکھپوری، شبیہ الحسن،
ریاض احمد، آل احمد سرور اور احتشام حسین جیسے نقادوں نے ادب کی تعبیر و
تشریح کی نئی جہات دریافت کیں، اور تنقید کو نئی سمت و رفتار سے روشناس
کرایا۔ اردو تنقید اپنے ادبی سفر میں مشرقی روایات کے ساتھ ساتھ مغربی
افکار سے بھی روشنی حاصل کرتی اور اپنے وجود کو زیادہ تہہ دار، ہمہ گیرا
ور مستحکم بنانے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو آج اردو تنقید
اسی منزل کی نشان دہی کرتی جہاں ”مقدمۂ شعروشاعری“ نے اُسے چھوڑاتھا۔
معاصر
تنقید کے منظر نامے میں بعض اہم رویوں یعنی لسانیاتی تنقید اور ساختیات
وپس ساختیات،نیز تانیثیت اور ردِ تشکیل نے ادبی تھیوری اور نظریۂ تنقید کو
پوری طرح منقلب کردیا ہے۔ حامدی کاشمیری نے اکتشافی تنقید کے جس اسلوب کو
اپنایا ہے اس کی بنیاد اس تصور پر قائم ہے کہ شاعر لفظ و پیکر کے علامتی
برتاؤ سے تجربات کے جو رنگ محل تعمیر کرتا ہے، ان کے طلسمی دروازوں کو
کھولنا اکتشافی تنقید کا مقصد ہے۔ اکتشافی تنقید سے پہلے معاصر تنقید کا
ایک اور رویہ لسانیاتی مطالعے کے زیرِاثر صورت پذیر ہوا ہے۔ مسعود حسین
خاں نے جدید لسانیاتی مطالعے کو فروغ دیا اور یورپ اور امریکہ کے لسانیاتی
نظریات کو اردو کے قاری سے متعارف کرایا ۔ مسعود حسین خاں نے لسانیات کی
اعلیٰ تعلیم انگلستان ، فرانس اور امریکہ میں حاصل کی۔ ان سے پہلے صرف
ڈاکٹر زور کویہ اعزاز حاصل تھا کہ انھوں نے مغرب سے علم لسانیات کا اکتساب
کیا تھا۔ اس وقت صورتِ حال یہ تھی کہ نوام چو مسکی (Noam Chomsky) کی
تصنیف Syntactic Structures اور بلوم فیلڈ کی تحریروں نے لسانیات کی دنیا
میں اپنے نئے افکار اور نظریات سے تہلکہ برپا کردیا تھا اور نقادادب اور
لسانیات کے باہمی ربط پر نئے زاویے سے غورو فکر کرنے لگے تھے۔ مسعود حسین
خاں نے لسانیات کی مدد سے اسلوبیات کا نیا مواد فراہم کیا اور اس اندازِ
نظر پر زور دیا کہ اسلوبیات ، لسانیات اور ادب کے رشتے کی مظہر ہے ۔
امریکی ماہرِ اسلوبیات آرکی بالڈاے۔ ہل کے تصورات کا اثر مسعود حسین خاں
کی تحریروں میں جاری و ساری نظر آتا ہے۔ اور ان کے لسانی نظریات ان کے
تجزیوں میں نفوذ کر گئے ہیں۔ ۱۹۶۶ ءمیں مسعود حسین خاں نے اپنے تنقیدی
مضامین کا مجموعہ ” شعر وزبان“ کے نام سے شائع کیا اور اس میں اپنے نقطۂ
نظر کی توضیح کی ۔ مسعود حسین خاں نے لسانیاتی نقطۂ نظر سے اقبال، غالب
اور فانی کے کلام کا تجزیہ پیش کیا ہے۔
تنقید کے متداول د بستانوں
میں متن کو زیادہ درخورِا عتنا تصور نہیں کیا جاتا تھا۔ متن پر غور ضرور
کیا جاتا تھا لیکن اس کی حیثیت ذیلی، ضمنی اور ثانوی تھی۔ مسعود حسین خاں
، فن اور ادب کی اوپری تشکیل (Super structure) کی اولیت اور تقدم کے قائل
نہیں اور فن کو سماج کا ایک اپنا مستقل ادارہ تسلیم کرتے ہیں جو قائم
بالذات ہے۔ اپنے ان تنقیدی تصورات کی مسعود حسین خاں نے اپنے مضامین ”سماج
اور شعر“ اور ” تخلیقِ شعر“ میں تشریح کی ہے۔
شعر کی معنیاتی سطح تک
پہنچنے کے لئے اس کی صوتی، صرفی اور نحوی سطحوں سے گزرنا اور ان کا تجزیہ
کرنا ضروری ہے۔ یہ بات قابلِ غور ہے کہ عربی ،فارسی اور اردو کے علمائے
بلا غت پر یہ حقیقیت منکشف ہو چکی تھی کہ شعر میں لفظوں کی جھنکار اور ان
کی صوتی قدروقیمت ، ترنم اور آہنگ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ دکنی
مثنویوں کے آغاز میں ” درتعریفِ سخن“ اور”د ر تعریفِ شعر“ وغیرہ کے زیرِ
عنوان جن ادبی اور تنقیدی تصورات کا اظہار کیا گیا ہے، ان میں اس حقیقت کی
طرف بھی بالواسطہ اشارہ موجود ہے۔ قدیم اہل بلاغت اور علم بدائع کے ماہرین
کا تصوریہ تھا کہ تحسین شعر کے لئے محض زبان دانی اور صرف ونحو سے آگہی
کافی نہیں بلکہ علمِ بیان اور علمِ بدائع کی رہبری بھی ضروری ہے۔ اس وقت
تک علمِ لسانیات نے اپنی باقاعدہ شکل اور منظم صورت اختیار نہیں کی تھی۔
اس لیے ان تصورات کو کسی مقررہ عنوان کے تحت جگہ نہیں مل سکی۔ حالانکہ ان
کے ابتدائی نقوش قدیم ادب کے صفحات میں اجاگر ہوئے ہیں۔
اس کے بعد
گوپی چند نارنگ ، مغنی تبسم اور مرزا خلیل بیگ نے اسی اندازِ تنقید سے کام
لیا ہے۔ مسعود حسین خاں نے اقبال کی عملی شعریات کا تجزیہ کیا تو اقبال کے
پنجابی تلفظ کو ملحوظ رکھتے ہوئے جس میں بالعموم ’ق‘ کو مصمتہ ’ک‘ سے بدل
دیا جاتا ہے، وہ اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ کلامِ اقبال میں’ ق‘ محض حرف
ہے صوت نہیں۔ اقبال اس کے سماعی پہلو سے بہرہ مند نہیں تھے۔ اس لیے اپنے
صوتی آہنگ میں وہ اسے ایک علاحدہ صوت کی حیثیت سے جگہ نہیں دے سکے اور یہ
کہ غالب اور اقبال کا صوتی آہنگ فارسی کا چربہ نہیں، بلکہ ان شعراءکی شعری
فرہنگ پر عجمیت کا اثر دیکھا جا سکتا ہے۔ سبکِ اقبال میں مضمر امکانات کا
کھوج لگانے اور اقبال کے شعری اسلوب کے تشکیلی عناصر کا تجزیہ کرنے کی یہ
ایک کاوش ہے، لیکن خوداقبال نے کہا تھا:
الفاظ کے پیچوں میں الجھتے نہیں دانا
غواص کو مطلب ہے صدف سے کہ گہرسے
اسلوبیاتی تنقید کے علمبر دار لسانی تجزیے کی مدد سے صدف سے گہر تک پہنچنے کا ادعا کرتے ہیں۔
اسلوبیاتی تنقید کا مطالعہ کرنے والے قاری کے ذہن میں مختلف سوالات پیدا ہوتے ہیں:
۱۔ کیا شاعرکے کلام میں مختلف نوع کی اصوات کا استعمال اور امتیاز ایک شعوری کوشش ہے؟
۲۔ کیا اسلوبیاتی تنقید، تخلیق کار اور اس کے فن پارے
کے تمام زاویوں پر روشنی ڈالتی اور اہم خدوخال کو اجاگر کر سکتی ہے؟
۳۔ کیا اسلوبیاتی تنقید ایک جامع اور قابلِ اعتماد تنقیدی رویہ ہے؟
۴۔ کیا اسلوبیاتی تنقید تعینِ قدرومقام میں ہماری رہبری
کر سکتی ہے جو تنقید کا اصل منصب اور مقصد ہے؟
اسلوبیاتی تنقید اپنے
محدود دائرہ عمل کی وجہ سے قاری کے بہت سے سوالات کا جواب دینے سے قاصر
ہے۔ مثلاً غالب کے طرزِ ادا اور ان کے اسلوب کا تجزیہ کرنے والا اسلوبیاتی
نقادیہ تو بتا سکتا ہے کہ غالب کے کلام میں اصوات کی عددی حیثیت کیا ہے
اور ان کے اسلوب کی تشکیل اور پرداخت میں ان کا کیا حصہ رہا ہے، لیکن وہ
یہ نہیں بتا تا کہ غالب نے اپنے کلام میں طرزِ بیدل کی قیامت کی پذیرائی
کیوں کی اور پھر اس سے روکشی کیوں اختیار کی۔ اگر اسلوبیاتی تنقید کو ایک
مجرب نسخہ تسلیم کربھی لیا جائے تو یہ ایسا نسخہ ہے جو ہر وقت قابلِ
استعمال نہیں۔ مسعود حسین خاں کے مضامین کا مجموعہ ”شعر وزبان“ بارہ
مضامین پر مشتمل ہے لیکن ان میں سے صرف چار مضامین لسانیاتی تنقید کے ذیل
میں آسکتے ہیں۔ معنی تبسم کے ۳۲ مضامین میں سے صرف آٹھ مضامین میں
اسلوبیاتی تجزیے سے کام لیا گیا ہے۔ خلیل بیگ کی تصنیف ”زبان ،اسلوب اور
اسلوبیات“ سات مضامین پر محیط ہے اور صرف تین یا چار مضامین میں اسلوبیاتی
تنقید کی عملی مثالیں پیش کی گئی ہیں۔
گذشتہ چند برسوں میں نظریۂ
ترسیل (Communicaiton Theory) میں جن افکار و تصورات نے جگہ بنائی ہے، ان
سے تنقید نے بھی اثر قبول کیا ہے۔ اسلوبیات اور ساختیات کے مباحث نے تنقید
کو نئے طرز ِفکر سے آشنا کیا ہے۔ اسلوبیات نے ساختیات اور پس ساختیات کے
نظریات کی راہ ہموار کی۔ ساختیات اور پس ساختیات ادب تک محدود نہیں، یہ
تہذیبی زندگی کے مختلف شعبوں کا احاطہ کر سکتی ہے۔ اسلوبیات دراصل ساختی
لسانیات (Structural Linguistics) کی وہ شاخ ہے جو ابلاغ کی ماہیت اور اس
کے انسلاکات سے بحث کرتی ہے اور اس کی حیثیت ایک سماجی علم ( Social
Science) کی ہے۔ اسلوبیاتی تنقید، اسلوب کا تجزیہ کرکے یہ معلوم کرنے کی
کوشش کرتی ہے کہ تخلیق کار کااسلوب، اسے دوسرے فن کاروں سے کسی طرح ممیّنر
کرتا اور اس کی شناخت قائم کرتاہے۔ اس کے دائرۂۚ کار میں صوتیات
(Phonology) لفظیات (Morphology)، نحویات (Syntax)، اور معنیات
(Semantics) سمٹ آتے ہیں۔ اردو میں اس طرزِ تنقید کے بانی گوپی چند نارنگ
ہیں۔ انھوں نے اسلوبیات، ساختیات اور پس ساختیات کے تصورات کو اردو کے
قاری سے روشناس کر ایا اور اپنی تنقیدی تحریروں سے انھیں تقویت پہنچائی
اور استحکام عطا کیا ۔
گوپی چند نارنگ کی دانست میں اسلوبیات کسی
بندھے ٹکے فارمولے اور میکانکی عمل کی پابند نہیں ۔ اس پیرایۂ تنقید میں
آوازوں کے نظام، الفاظ کے استعمال، اسماءاور افعال کے تناسب اور علمِ
بدائع اور علمِ بیان کے مختلف اجزاءکا مطالعہ کر کے اسلوب کی خصوصیات کے
تعین میں مدد لی جاتی ہے۔ اپنی علمی بنیادوں، معنویت اور انفرادیت کے
باوجود اسلوبیات جامع تنقید نہیں ہے۔ گو پی چند نارنگ کی مختلف تحریروں سے
یہاں ان کے چند محاکمات جو اس اسلوبِ نقد سے متعلق ہیں، نقل کیے جاتے ہیں۔
ان سے اسلوبیاتی تنقید کے موقف کی وضاحت ہوتی ہے۔ گوپی چند نارنگ ادب میں
بت تراشی اور بت پرستی کے قائل نہیں رہے ہیں۔ انھوں نے اپنے ادبی سفر میں
کسی ’ازم‘ کی حلقہ بگوشی تسلیم نہیں کی اور نہ کسی ادبی نظریے کی کورانہ
وکالت کوراہ دی ہے۔ انھوں نے اپنی آزادیِ فکر، وسعتِ خیال اور بالغ نظری
سے ادبی اصولوں کو پرکھنے اور خوب وزشت کے معیار قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔
لسانیاتی تنقید کے بارے میں ان کے یہ تصورات یک طرفہ ، جانبدارانہ،
مربیانہ اور پرستانہ نہیں ہیں۔ وہ لسانیاتی تنقید کے حدود اور اس کے دائرہ
عمل کا جائزہ لیتے ہوئے لکھتے ہیں:
۱۔ اسلوبیات کے پاس خبر ہے نظر نہیں۔
۲۔ اسلوبیات ادبی تنقید کا بدل نہیں۔
۳۔ اسلوبیات ، تنقید کی مدد کر سکتی ہے۔
۴۔ اسلوبیات کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ بسیط فن
پاروں کے لئے اس کا استعمال نہایت ہی مشکل ہے۔
۵۔ اسلوبیات میرے نزدیک محض ایک حربہ ہے، کل تنقید ہر گز نہیں۔
۶۔ تنقیدی عمل میں اس سے بیش بہامدد لی جا سکتی ہے۔
ایسے حقیقت پسندانہ نقطئہ نظر کے ساتھ اسلوبیاتی تنقید کے کسی نقاد نے اتنا جامع اور بھر پور تبصرہ پیش نہیں کیا ہے۔
گوپی
چند نارنگ کے مضامین ”راجندر سنگھ بیدی کے فن کی استعاراتی اور اساطیری
جڑیں“، ”انتظار حسین کا فن“، ”اسلوبیات اقبال : نظریہ اسمیت اور فعلیت کی
روشنی میں، “ ”نظیر اکبر آبادی تہذیبی بازدید“، ”اسلوبیاتِ
انیس“، ”اسلوبیات ِمیر،“ اردو تنقید میں اسلوبیاتی شناخت کا تعین کرنے
والے نمائندہ مضامین اور اردو میں اسلوبیات کے اعلیٰ ترین نمونے ہیں۔ گوپی
چند نارنگ نے اسلوبیاتی تنقید پر اعتراض کرنے والے ان ادیبوں کے اس تصور
کو کمزور اور گمراہ کن ثابت کیا ہے جو اسلوبیات کے دائرے کو صرف شاعری تک
محدود تصور کرتے ہیں۔ اس غلط فہمی کا ازالہ کرنے کے لیے گوپی چند نارنگ نے
نثر کے مختلف موضوعات پر اسلوبیاتی تنقید کے عملی نمونے پیش کئے ہیں۔
انھوں نے فکشن کا لسانیاتی نقطئہ نظر سے مطالعہ کیا اور اس کے کامیاب
اسلوبیاتی تجزیے پیش کئے۔ خواجہ حسن نظامی اور ذاکر صاحب کی نثر سے متعلق
ان کے مضامین ، نیز بیدی، منٹو، انتظار حسین، سریندر پرکاش پر ان کے
مضامین اسلوبیاتی تنقید کے سرمائے میں منفرد اور گراں قدر اضافے ہیں۔ گوپی
چند نارنگ نے اسلوبیات کو ادبی تنقید سے ہم آمیز کرکے اسے زیادہ بامعنی ،
تہہ دار اور مؤثر بنادیا ہے۔ اس لیے وہ اسلوبیات کو نئی معنویت عطا کرنے
والے اردو کے سب سے ممتاز نقاد تصور کئے جاتے ہیں۔ گوپی چند نارنگ نے
معنیاتی نظام کے تجزیے کے ساتھ ساتھ ساختیات کے اصولوں سے بھی مدد لی ہے۔
”سانحہ کربلا بطورِ شعری استعارہ“ اور ”فیض کا جمالیاتی احساس اور معنیاتی
نظام“ اردو میں ساختیات کے اطلاق کے بہترین نمونے ہیں جنھیں ہمیشہ حوالے
کے طور پر استعمال کیا جاتا رہے گا۔ اپنے مضمون ”ادبی تنقید اور اسلوبیات“
میں گوپی چند نارنگ نے اس خیال کا اظہار کیا ہے کہ ادبی اظہار کے تجزیے
میں محض کسی ایک سطح کا تجزیہ نہیں کیا جا تا بلکہ اس میں زبان کا کلی
تصور اور اس کے معنی کے مضمرات کا احساس بھی شامل ہوتا ہے۔
گوپی چند
نارنگ رقم طراز ہیں کہ ان کے مضامین ”اسلوبیاتِ انیس“ یا ”اقبال کا
صوتیاتی نظام“ میں بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ایک سطح کے تجزیے پر اکتفا
کی گئی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان میں معنی ٰ کے اخراج اور معنوی جہات سے
صرفِ نظر نہیں کیا گیا ہے، حالانکہ اسلوبیاتی تنقید پر یہ اعتراض عام ہے
کہ اس میں معنوی امکانات کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ گوپی
چند نارنگ نے اسلوبیاتی تجزیے کے وسیلے سے ان لسانی اور تخلیقی امتیازات
کی نشاندہی کی ہے جن سے کسی ادب پارے کی شناخت قائم ہوتی ہے اور اس کے
توسط سے شاعر یا ادیب کے بارے میں رائے قائم کرنے کی راہ ہموار ہوتی ہے۔
اس تجزیے کے دوران، ان کی نظر صوتیات پر بھی ہوتی ہے اور اس سلسلے میں
ردیف وقوافی، اصوات کی حیثیت، ہکاری اور معکوسی آوازوں، مصمتوں اور مصوتوں
کے تناسب، خاص الفاظ کی تکرار، اسما، صفت اور افعال اور شعر میں ان کی
نوعیت بھی پر مرکوز ہوتی ہے۔ گوپی چند نارنگ کی دانست میں اسلوبیاتی نقاد
صرف نحویاتی حقیقت ہی کو اپنا مقصود قرار نہیں دیتا اور اسلوبیاتی تنقید
کا تفاعل محض نقطوں کی دروبست اور صوتی قدر اور لفظوں کی تراکیب کے موقف
ہی تک محدود نہیں بلکہ وہ علمِ بدیع اور علمِ بیان سے تخلیق کے استعارے کے
پیرایے پر بھی غور و خوض کرتا ہے اور اس سلسلے میں صنائع بدائع، تمثیل،
علامت اور پیکر تراشی کے نمونوں کا تجزیہ بھی کرتا ہے۔ بحر کے استعمال،
زحافات اور ارکان کے خصوصی موقف پر بھی نظر رکھنی پڑتی ہے۔
گوپی چند
نارنگ نے کلاسیکی ادب کے نمائندہ شعراءکے علاوہ معاصر فنکاروں کی ادبی
تخلیقات کا بھی بڑی دیدہ وری اور نکتہ رسی کے ساتھ تجزیہ کیا ہے ۔ یہاں اس
کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے کہ اپنے مخصوص اسلوبِ تنقید میں انھیں ادبی
لسانیات کی جدید اور تازہ و ضع کردہ اصطلاحوں سے بھی کام لینا پڑتا ہے
کیونکہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ بادہ و ساغر کہے بغیر بات نہیں بنتی۔ موجودہ
تہذیبی منظرنامے میں کوئی زبان اپنے خول میں بند رہ کر ترقی کی منزلیں
نہیں طے کر سکتی۔ گوپی چند نارنگ ادبی معاملات میں کشادہ نظری، اخذو قبول
اور گلوبلائزیشن (Globalisation) کے قائل رہے ہیں اور وہ مغربی ادب کے
ضروری حوالوں سے احتراز نہیں کرتے۔ گوپی چند نارنگ نے فن کے ساختی وجود کا
ادراک کیا اور اس کی انفرادیت کو متشکل کرنے والے ہیئتی عناصر کی تحلیل و
تجزیے سے نتائج اخذ کئے ہیں۔ہیئتی نقادوں میں جو وصف گوپی چند نارنگ کو
امتیاز عطا کرتا ہے ، وہ وسیع تناظر میں ادبی بصیرت و ذکاوت کے ساتھ فنکار
کے تخلیقی عمل کے حوالے سے مختلف ابعاد کا پتہ لگانے کی کوشش ہے۔ وہ
معنیاتی سطحوں پر اس طرح روشنی ڈالتے ہیں کہ فن کا تفاعل نمایاں اور منور
ہوجاتا ہے ۔ یہ اردو تنقید میں گوپی چند نارنگ کا ایک اہم کارنامہ ہے۔ وہ
ہمیشہ نئی توسیعات اور ادب شناسی کی نئی جہات اور تنقید کے نئے افق کے
متلاشی رہے ہیں۔ چنانچہ انھوں نے اسلوبیات کی نئی معروضی اور عملی بنیادوں
پر استوار طریقہ تنقید سے دلچسپی لی۔ اردو افسانے کے بارے میں ان کے
تنقیدی محاکمات نقادوں کی رہبری کرتے ہیں۔ ان کے تنقیدی عمل کا آغاز لفظ
شناسی سے ہوتا ہے اور لسانیاتی نظام کے مضمرات کی نشان دہی پر جن کی
معنویت مسلمہ ہے ، ختم ہوتاہے۔ پریم چند، منٹو، بلونت سنگھ، سریندر پرکاش،
بلراج مین را، سلام بن رزاق، محمد منشایاد، راجیندر سنگھ بیدی اور انتظار
حسین پر ان کے تنقیدی مضامین مثال میں پیش کئے جاسکتے ہیں۔ گوپی چند نارنگ
نے اردوافسانہ پر پہلی بار اس اسلوب تنقید سے ادبی معنویت کے نئے باب
واکئے۔ انھوں نے افسانے کی استعاراتی اور علامتی ہئیت اور اساطیری فضا سے
مربوط لسانی ساخت کا معنی خیز تجزیہ پیش کیا ہے۔ بد یہی امور سے قطع نظر
کر کے مخفی مضمرات کی کھوج کو وہ بامعنی تنقید تصور کرتے ہیں۔ انھوں نے
پریم چندکی نمائندہ تخلیقات کے حوالے سے اُن کے اس طنزِملیح (Irony) کو
واضح کیا ہے جوشطرنج کے کھلاڑی ، کفن، عیدگاہ، دودھ کی قیمت، سواسیر گیہوں
اور نئی بیوی جیسے افسانوں کی تلفظی فضا، فقروں اور ترسیلی پیکروں کی تہہ
میں پنہاں ہے۔
اسلوبیات سے ایک منزل آگے بڑھ کر گوپی چند نارنگ نے
ساختیات کے اصولوں کی بھی پذیرائی کی ہے۔ ساختیات کی تعریف کرتے ہوئے وہ
لکھتے ہیں کہ ساختیاتی تنقید ادبی متن اور ادبی قرأت کی ایسی شعریات وضع
کرنا چاہتی ہے جو ان اصولوں اور قاعدوں کو تجرید ی طور پر منضبط کر سکے جن
کی رو سے ادب کی مختلف شکلیں شاعری، ناول، افسانہ وغیرہ میں وجود میں آتی
ہیں۔
اپنے مضمون ”ساختیات اور ادب“ میں گوپی چند نارنگ نے سوسیورکی
ساختیاتی فکر پر بڑا خیال انگیز تبصرہ کیا ہے اور اس سلسلے میں متعدد نکات
کی تشریحیں پیش کی ہیں اور ساختیات کی فلسفیانہ اساس سے بحث کرتے ہوئے
انھوں نے سوسیور ، دریدا، لاکاں، رولاں بارت، اور فوکو وغیرہ کے تصورات سے
عالمانہ انداز میں بحث کرتے ہوئے نتائج اخذ کئے ہیں۔ ساختیات کا عمل صرف
ادبی تخلیق تک محدود نہیں،بلکہ اس کے دائرہ عمل میں دیومالا، رسم ورواج،
عقائد، طور طریق اور ہر وہ مظہر جو ترسیل پر اثر انداز ہوتا ہے، سمٹ
آتاہے۔ ادب چونکہ تہذیب ِانسانی کا خاص مظہر ہے، اس لیے ساختیات کا موضوع
بھی قرار پاتا ہے۔ گوپی چند نارنگ اردو تنقید میں ساخیتات اور پس ساختیات
کو روشناس کرا نے والے پہلے نقاد ہیں اور اس سلسلے میں ان کی تصنیف کو جو
ساختیات اور پس ساختیات سے متعلق ہے، وہی اہمیت حاصل ہے جو کسی وقت ”اردو
تنقید میں مقدمہ شعروشاعری“ کو حاصل تھی۔ یہ ادبی تصورات میں بنیادی
انقلاب کا صحیفہ اور ایک عہد آفریں تصنیف ہے اور” مقدمہ شعروشاعری“ کی طرح
اردو تنقید کے ارتقائی سفر میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے اورایک بدلی
ہوئی ادبی تھیوری کی ترجمان بھی ہے۔ گوپی چند نارنگ نے اردو تنقید کو ایک
نئی جہت سے آشنا کیا ہے۔ اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے کہ ساختیاتی اور پس
ساختیاتی تنقید میں اردو کے کتنے نقاد گوپی چند نارنگ کے نقشِ قدم پر چل
کر منزل تک پہنچ سکیں گے۔ اس کے لیے نرگس کو ہزاروں سال رونا اور فلک کو
برسوں پھرنا پڑے گا ”تب خاک کے پردے“ سے کوئی نقاد نمودار ہوگا۔
(بہ شکریہ” استعارہ “، نئی دہلی ۔)
***
پڑھنے میں پریشانی؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)