کوچۂ بتاں
عبد اللہ ناظر
ناظرؔ کو فقط چاہیئے خلوص ملتا جو نہیں جامِ جم جناب
میرے انداز بیاں کو لطف جاں کہہ لیجئے
آپ چاہیں تو زمیں کو آسماں کہہ لیجئے
صحن گلشن دور ہے غربت میں رنگینی کہاں
چند تنکوں کو ہمارا آشیاں کہہ لیجئے
سرزنش کرنی اگر ہے عاشق ناشاد کی تحت تاثیر تغافل سرگراں کہہ لیجئے
صرف لفظ بے وفا سے سخت نفرت ہے مجھے
اور جو بھی جی میں آئے مہرباں کہہ لیجئے
ہو سکے تو بھول جا نا ٹھیک ہے درماندگی
ورنہ درد و غم کو گرد کارواں کہہ لیجئے
کون ہے وہ غوطہ زن جو تہہ کو پہنچا ہے کبھی
دل کی گہرائی کو بحر بیکراں کہہ لیجئے
ہر حقیقت ہے اگر ناظرؔ تماشائے نظر
شاعری کو قصۂ عمر رواں کہہ لیجئے
٭٭٭
تیری باتوں میں کیا اے حسیں آ گئے جا رہے تھے کہیں ہم کہیں آ گئے
چپ رہے بھی تو باغی زباں ہِل گئی یاد وعدے ترے نازنیں آ گئے
یہ زمیں گول تھی آج بھی گول ہے ہم چلے تھے جہاں سے وہیں آ گئے
اپنے ویران گھر کا تھا رونا بہت دیکھتے دیکھتے دل نشیں آ گئے
رات کی زلف کٹنے نہ پائی مگر جگمگاتے ہوئے مہ جبیں آ گئے
جیت کر دل محبّت کی کھائی قسم کیا ہوا پاس پھر کیوں نہیں آ گئے
شعر لکھیّ تھے ناظرؔ نے تیرے لیئے
جانے کیوں سامنے نکتہ چیں آ گئے
٭٭٭
محبت کا نشہ پاگل نہ کر دے تیرے شاعر کو
بھٹکتا چھوڑ دے تنہا بیاباں میں مسافر کو
کہاں وہ لذتِ وصلِ شبِ معمورۂ الفت
کہاں یہ آرزوئے نامۂ جاناں مہاجر کو
بڑی مشکل سے خط لکھا ہے وہ بھی ہے ادھورا سا
چلے آتے کبھی تو بھول کر ہی جبرِ خاطر کو
چلو میں بھی تو دیکھوں کس قدر ظالم ہے وحشی ہے
کہاں تک ٹھوکریں مارے گی دنیا ایک صابر کو
نہیں منظور لیکن آنے والے چند برسوں میں
خدا حافظ تو کہنا ہی پڑے گا اپنے ناظرؔ کو
٭٭٭
سرِ راہ میکدۂ سخن کسے فکرِ بادہ و جام ہے
تری زلف صورتِ طولِ شب ترا حسن صبحِ تمام ہے
مجھے اپنے نام و نمود کی نہ ہوس رہی نہ ہے آرزو
مری زندگی کا ہر اک نفس تری رحمتوں کا پیام ہے
نہیں کوئی پرسشِ حال کو مرے دوستوں میں تو کیا ہوا
بجز اس کی ذاتِ فہیم کے مجھے کب کسی سے کلام ہے
عملِ رکوع و سجود کا تو مزا ہے فرقتِ یار میں
کہ نمازِ وصل کے درمیاں نہ قعود ہے نہ قیام ہے
مجھے خاکِ دشت و چمن سے جس نے متاعٍ حسنِ قرار دی
مرے دل میں اس کی ہی یاد ہے مرے لب پہ اس کا ہی نام ہے
٭٭٭
فیصلہ تھا جب میرے ساتھ ساتھ چلنے کا
کیوں خیال آیا ہے راستہ بدلنے کا
پھونک کر نہ گل کرتا میں اگر محبت سے
شمع کا ارادہ تھا ساری رات جلنے کا
شام ہجر کب فرصت ہے پلک جھپکنے کی
انتظار ہے مجھ کو چاند کے نکلنے کا
آؤ بیٹھیں مل جل کر ایک شامیانے میں
کیا بھروسہ ہے دن کی تیز دھوپ ڈھلنے کا
بن گیا ہوں آئینہ انتہائے حیرت میں
نام وہ نہیں لیتا سامنے سے ٹلنے کا
زندگی کی راہوں میں بے حساب پتھر تھے
کب ملا مجھے موقع دوستو سنبھلنے کا
وقف شعر و نغمہ ہوں اس طرح سے میں ناظرؔ
مشغلہ نہیں جیسے کوئی دل بہلنے کا
٭٭٭
نہیں کیا انتہا کوئی سفر کی کہاں تک خاک چھانیں در بدر کی
عنایت ہے ترے لطفِ نظر کی وگرنہ ذات کیا مجھ بے بصر کی
خیالِ یار بھی دھندلا گیا تھا " شبِ غم ہم نے رو رو کر بسر کی "
مرا رنگِ غزل ہے خونِ دل سا نشانی ہے کسی بیداد گر کی
اندھیروں سے مفر ممکن ہے لیکن شفق پھوٹے گی جانے کب سحر کی
کبھی ہے ضبطِ غم کی مہر لب پر کبھی ہے آزمائش چشمِ تر کی
محبّت دو دلوں کے درمیاں تھی کہانی بن گئی ہے بحر و بر کی
مجھے سارے جہاں سے خوب تر ہے ذرا سی خاک تیرے رہگزر کی
کہو باہر نہ نکلے خیمہ زن سے کڑی ہے دھوپ ظالم دو پہر کی
کہاں تک دوستوں کی سنگ باری دُہائی ہے ترے آشفتہ سر کی
مرا اب حال کچھ ایسا ہے جیسے خبر گھر کو نہ ہو دیوار و در کی
ہم اپنے آشیاں کے ہیں محافظ شکایت کیوں کریں برق و شرر کی
بتاؤ کون ہے بے عیب ناظرؔ تعجّب کیا خطا ہم نے اگر کی ٭٭٭
قربتیں کس کام کی ہیں دوستی کس کام کی
زندگی دوزخ اگر ہو، زندگی کس کام کی
شیوۂ اہلِ وفا ہے ، دو دلوں میں پیار ہو
بے سبب ناراضگی اور بے رخی کس کام کی
قلت علم و عمل پر ادعائے معرفت
جس کو دیکھو کہہ رہا ہے روشنی کس کام کی
آدمی جب تک نہ سمجھے دوسروں کی منزلت
دینداری چیز کیا ہے ، بندگی کس کام کی
ہائے شام ہجر کی ایذا رسانی بے طرح
آسماں پر چاند ہے تو چاندنی کس کام کی
منحصر قدرت پہ تیری ہے مدارِ دو جہاں
میرا غم کس کام کا میری خوشی کس کام کی
دشتِ غربت میں ہے ناظرؔ ایک محرومِ چمن
غنچہ و گل کا بیاں کیا، شاعری کس کام کی
٭٭٭
جہاں تک تمہاری نظر جائے گی ہمارے جنوں کی خبر جائے گی
نہ ہوں گے بہم گر گھڑی دو گھڑی کہاں جائے گی شب کدھر جائے گی
مرے دستِ کوشاں سکوں پائیں گے اگر تیری کاکل سنور جائے گی
کٹی عمرِ رفتہ تری یاد میں جو باقی ہے وہ بھی گزر جائے گی
جوانی کا کوئی بھروسہ نہیں چڑھی ہے سو ندی اتر جائے گی
نشیمن پہ بجلی گری ہے مگر یہ تہمت بھی ساون کے سر جائے گی
بیاباں میں ناظرؔ تڑپتا ہے دل کہ سعیِ فغاں بے اثر جائے گی ٭٭٭
سمندر کو نہ ہو محسوس جب ساحل کی بے چینی
کسی سے کیا بتائے کوئی اپنے دل کی بے چینی
کسی دن رنگ لائے گی محبت کارواں والو
اِدھر ہے اپنی بے تابی اُدھر منزل کی بے چینی
مغنی کے لبوں کو سی دیا تھا کس کے جادو نے
زمانہ دیکھتا ہی رہ گیا سائل کی بے چینی
کبھی عزلت نشیں ہو اور کبھی مائل بہ احساں ہو
ہمارے سامنے ہے کس قدر مشکل کی بے چینی
خدارا اک نظر میرے دلِ مجروح کی جانب
اگر دیکھی نہ ہو تم نے کسی بسمل کی بے چینی
اسی اک فلسفہ نے جان ڈالی مجھ سے مردہ میں
کہ رمزِ زندگی ہے صرف آب و گِل کی بے چینی
چراغوں کا ا جالا ہے نہ انوارِ مہِ تاباں
سمجھ لیتا ہے ناظرؔ خود بخود محفل کی بے چینی
٭٭٭
سوزش تلخی حالات کہاں ختم ہوئی
کیسے خاموش رہوں بات کہاں ختم ہوئی
زندگانی کے سفر میں یہ پتہ بھی نہ چلا
دن کہاں ختم ہوا ، رات کہاں ختم ہوئی
کیا خبر میری دعاؤں میں اثر ہے کہ نہیں
سانس باقی ہے ، منا جات کہاں ختم ہوئی
سچ ہے پہلا سا تعلق نہ رہا آپس میں
روز و شب ان سے ملاقات کہاں ختم ہوئی
دامن یار ہے بھیگا ہوا اشکوں سے مرے
ابر غم جاری ہے برسات کہاں ختم ہوئی
دور صہبائے محبت پہ ہے ساقی کا کرم
خوبی بزم خرابات کہاں ختم ہوئی
خود گریزاں ہو گرانباری ناظرؔ کے سبب
دوستو میری مو اخات کہاں ختم ہوئی
٭٭٭
نامہ ہے اور نہ کوئی خبر دیر کیوں ہوئی
مجھ کو ہے اعتبار مگر دیر کیوں ہوئی
اس ماہ رو سے مجھ کو اجا لا نہ کیوں ملا
تاریک رہ گیا مرا گھر دیر کیوں ہوئی
تم نے کہا تھا دو گے مجھے زندگی نئی
بدلے نہ میر ے شام و سحر دیر کیوں ہوئی
یارب شب وصال کی امید تھی مجھے
آیا نہ کیوں دعا میں اثر دیر کیوں ہوئی
آئے گی نیند کیسے ترے انتظار میں
نکلا نہ چودھویں کا قمر دیر کیوں ہوئی
اک مرگ ناگہاں سے تو مل جائے کچھ سکوں
ساتھی ملا نہ زاد سفر دیر کیوں ہوئی
منزل سمجھ رہا تھا میں شاید سراب کو
ناظرؔ بھٹک رہی ہے نظر دیر کیوں ہوئی
٭٭٭
کبھی دن کا وعدہ کبھی رات کا بھلا کیا بھروسا تری بات کا
بیاں کیا ہو اُس دل کے جذبات کا ستایا ہوا ہے جو حالات کا
ارادہ نہ کر فرطِ لذّات کا کہیں دم نہ گھُٹ جائے نغمات کا
سنبھل کر مری جان عجلت نہ کر یہ دنیا ہے گھر ساری آفات کا
نہ اُن کو ہے یاد اپنی چشمِ کرم نہ مجھ کو تقاضا عنایات کا
تجھے اپنا کہہ کر بھی شرمندہ ہوں رہا کیا بھرم اختیارات کا
جو رندِ بلانوش تھے اٹھ گئے کھلا رہ گیا در خرابات کا
نہ اب وہ محبت کے شام و سحر نہ اقرار عہدِ ملاقات کا
بجز عارضی پیڑ مَیں کچھ نہیں مرا سایہ ہے چند لمحات کا
اگر شعر گوئی سے بے بہرہ ہوں غزل ہے پُلَندا خرافات کا
پریشانی زلفِ جاناں ہے کیا بکھرنا ہے ناظرؔ مری ذات کا ٭٭٭
ہو کر اسیر دامِ فریبِ سراب میں ہم لوگ مبتلا رہے پیہم عذاب میں
اے چشمِ جانِ ناز خدارا خفا نہ ہو
کچھ بھی نہیں ملا مجھے جامِ شراب میں
پیری میں خودستائی ہے خود آگہی نہیں
مغرور کتنی ہو گی وہ مٹّی شباب میں
میرا وجود کچھ بھی نہیں ہے ترے بغیر
"دل کس شمار میں ہے , جگر کس حساب میں "
میں سادگی پسند ہوں , میرا مقام کیا
ملنا ہے مجھ سے یوں نہ ملو رعب و داب میں
نادان ہو گا یا تو ادب نا شناس ہے
جو فرق جانتا نہیں جور و عتاب میں
خود اپنا قد تراشنے والے کو کیا خبر
اونچا ہوا تو گر گیا سب کے حساب میں
آنکھوں میں جبکہ روشنی باقی نہیں رہی کیڑے نکالنے لگا وہ آفتاب میں
دامن کسی کاہے جو پسینے میں تر بتر
اس کی مہک سی مل نہ سکے گی گلاب میں
ثابت ہوا وہ جوہرِ قابل نہیں کوئی آیا تھا جو مری نگہ انتخاب میں
ناظرؔ مری وفا کا دیا اس نے یہ صلہ
انگارے بھر دیئے دلِ خانہ خراب میں
٭٭٭
یاد آ جاتے ہیں جب وعدہ و پیماں تیرے
انگلیاں ڈھونڈتی ہیں گیسوئے پیچاں تیرے
دل جِتا کر تو ہمیں مار ہی ڈالا تو نے
اور شرمندہ ہیں شرمندۂ احساں تیرے
کانچ کی چوڑیاں کھنکا کے نہ احساس دلا
ہم بھی ہیں جیسے کہ ٹوٹے ہوئے پیماں تیرے
کیا خبر اس کو پتہ بھی ہے مرے زخموں کا
کون سمجھے گا سخن دیدۂ گریاں تیرے
دیکھتا ہوں ، تو یہ ڈر ہے کہ بکھر جاؤں نہ میں
چہرہ مرجھایا ہوا بال پریشاں تیرے
بھینٹ دینے کے لیئے ایک تبسم بھی نہیں
کتنے مجبور ہیں دیوانے مری جاں تیرے
امتحاں اور سہی ہم نہ کریں گے اُف تک
ناز بردار ہیں اے عمر گریزاں تیرے
بسترِ مرگ پہ ہونے لگی جینے کی ہوس
عشوہ و ناز و ادا کم نہیں جاناں تیرے
غیر ممکن ہے کہ اب آنکھ ملائیں تجھ سے
سر جھکا لیتے ہیں خود زود پشیماں تیرے
خاک میں مل گئیں امّیدیں ترے ناظر ؔ کی
جب سے دل چیر کے ڈسنے لگے پیکاں تیرے
٭٭٭
چشم جاناں تو کبھی تشنۂ جادو نہ ہوئی
کیا کروں میری طبیعت ہی جو یکسو نہ ہوئی
بے سبب غیظ و غضب ہے تری عادت لیکن
تیری الجھن کبھی منت کش ابرو نہ ہوئی
تھی مشابہ تری زلفوں سے بہت ہجر کی شب
غم تو یہ ہے کہ میسر مجھے خوشبو نہ ہوئی
دور ہی دور سے احسان جتائے برسوں
اے مسرت مرے پہلو میں کبھی تو نہ ہوئی
قربت شوق میں ہے اس کو ترد د ہو گا
چال ایسی ہے کہ مثل رم آہو نہ ہوئی
محفل یار سے کیوں مل نہ سکی داد مجھے
ہے تعجب کہ خرابات میں دارو نہ ہوئی
زندگی بھر نہ ملا دامن الطاف و کرم
تم سے مجھ کو یہ شکایت کسی پہلو نہ ہوئی
غیر ممکن ہے بھلا دوں میں خود اپنے دل کو
ویسے نسیان رہ شوق مری خو نہ ہوئی
ماہ و انجم سے ہے برسوں کا تعلق ناظرؔ
ساتھ رہنا تھا جسے پاس وہ مہ رو نہ ہوئی
٭٭٭
جنونِ شوق میں جو کچھ میں کہہ گیا سمجھو
خلافِ عقل سہی , عرضِ مدّعا سمجھو
جفا سے کام نہ لو شیوۂ وفا سمجھو
کبھی تو چاہنے والے کی التجا سمجھو
حقیقتِ دلِ بیمار چھپ نہیں سکتی
بھلا خیال کرو مجھ کو یا برا سمجھو
جلالِ صبر و تحمّل ہے کوئی کھیل نہیں
"زبانِ خلق کو نقّارۂ خدا سمجھو "
سوال کر کے سدا سر پہ کیوں بٹھاتے ہو
حضور مجھ کو خود اپنی ہی خاکِ پا سمجھو
عقابِ ظلم و ستم بول کر نہیں آتا
خدا کی لاٹھی کو ہر وقت بے صدا سمجھو
ستم کرو نہ مجھے جنسِ بے وفا کہہ کر
شکستہ آئینہ کہتا ہے تم سے کیا سمجھو
تمہارے لطف و کرم کے بغیر کیا جینا
یہ زندگی بھی ہے میرے لیئے سزا سمجھو
نصیب ہو جو مقدّر سے مضطرب ناظرؔ
تبسّمِ گلِ صحرا کو جاں فزا سمجھو
٭٭٭
دنیائے الفت میں بہت دل کو پریشانی ہوئی
تیرے ستم کا ذکر کیا مجھ سے ہی نادانی ہوئی
جور حصار درد و غم کیا کم تھا میری فکر پر
اپنوں سے امید وفا کر کے پشیمانی ہوئی
وہ جلوہ گر کیا ہو گئے آنکھوں پہ پردہ پڑ گیا
میرے جنوں کو چھوڑیئے ہر عقل دیوانی ہوئی
تجھ سے نہیں کوئی گلہ واقف ہوں تیرے ناز سے
گویا کہ تیری بے رخی ہے جانی پہچانی ہوئی
راہ وفا میں زندگی کیسے کہوں کیونکر کٹی
جتنا سفر مشکل ہوا اتنی ہی آسانی ہوئی
آئینہ رخ تھا سامنے صورت گری کا سحر تھا
منظر تھا دلکش اس قدر ناظرؔ کو حیرانی ہوئی
٭٭٭
سونگھ لوں تجھ کو تو مہکے گا بدن میرا بھی
صرف تیرا ہی نہیں ہے یہ چمن میرا بھی
روشنی ہے مرے دل میں تو ہے تیرے دم سے
گو محبت میں ہے اک دور سخن میرا بھی
کس لیئے مجھ کو تڑپنے کے لیئے چھوڑ دیا
تجھ کو معلوم ہے لگتا نہیں من میرا بھی
یاد کرتے ہیں تجھے اہل وطن ، کیوں نہ کریں
ڈھونڈتا ہے مجھے غربت میں وطن میرا بھی
کتنے حساس ادیبوں کا سخن ہے ماتم
غرق امواج بلا ہو گیا فن میرا بھی
اپنی دنیا کا تجھے غم ہے کہ برباد ہوئی
لوٹ لیتے ہیں جہاں رنج و محن میرا بھی
آنکھ بھر آتی ہے جب یاد بہار آتی ہے
راستہ تکتے ہیں کیا برگ و سمن میرا بھی
کوئی آزاد ہوا کب ہے رہائی پا کر
یاد رکھیں گے پتہ دار و رسن میرا بھی
ہاتھ یوں دونوں ملاتے ہیں خوشی سے ناظرؔ
بانکپن اس کاہے بے ساختہ پن میرا بھی
٭٭٭
تلخی احساسِ رنج و غم نہ بھولیں گے کبھی
آدمی ہیں فطرتِ آدم نہ بھولیں گے کبھی
حسرت ناکام اپنی یاد آئے گی بہت
غفلتِ احباب کا عالم نہ بھولیں گے کبھی
عقدہ ہائے زندگی سے گو نہیں ہم کو مفر
کاکلِ جاناں کے پیچ و خم نہ بھولیں گے کبھی
جاتے جاتے میرے اشکوں کی روانی دیکھ کر
کہہ گئے مجھ سے کہ وہ زمزم نہ بھولیں گے کبھی
تم نہ بھولو گے ہماری روز کی مشّاطگی
ہم تمہارے گیسوئے برہم نہ بھولیں گے کبھی
عشرتِ اہلِ طرب جاری رہے گی رات دن
غم کے مارے مجلسِ ماتم نہ بھولیں گے کبھی
تم نے لکھ دی ہے کفِ ناظرؔ پہ تاریخِ وصال
چاہے دنیا بھول جائے ہم نہ بھولیں گے کبھی
٭٭٭
محفلِ جاناں میں کس شئے کی کمی باقی رہی
بجھ گئے فانوس لیکن روشنی باقی رہی
لالہ و گل سے یہ کہکر اہلِ دل رخصت ہوئے
پھر ملیں گے دوستو گر زندگی باقی رہی
شغلِ مئے نوشی سے رندوں نے کنارا کر لیا
میکدہ باقی رہا ساقی گری باقی رہی
آسمانوں پر ستارے کچھ زیادہ جل گئے
یا زمیں پر آدمی کی بے حسی باقی رہی
کوئی اتنا تشنہ لب تھا میرے آنسو پی گیا
میں ہوا مفلس مگر دریا دلی باقی رہی
دشت گردی میں بلائے آبلہ پائی سہی
کم سے کم یہ تو ہوا دیوانگی باقی رہی
شیوہ، احباب تھا ناظرؔ بہت ہی دل شکن
باوجود اس کے ہماری دوستی باقی رہی
٭٭٭
کوئی تو آئے مرے دل کو ٹٹولے تو سہی
کونسا غم ہے مجھے بھید یہ کھولے تو سہی
ساعت مرگ کا کیا جانے تعین کب ہو
کشتی زیست کئی بار جھکولے تو سہی
چاند کی کونسی شب اپنا ملن ممکن ہے
تم نہ بولو نہ سہی چاندنی بولے تو سہی
وہ ستمگر ہے ، کہے جو بھی اسے کہنا ہو
پہلے الفاظ کو میزان میں تولے تو سہی
زہر ایام کا تریاق کہاں تک ڈھونڈوں
جام ہستی میں کوئی شہد بھی گھولے تو سہی
اور کب تک نگہ شوق رہے دھوکے میں
اپنی قسمت پہ مرے دل کبھی رولے تو سہی
قید ہستی سے رہائی نہیں مشکل ناظرؔ
ایک دو سال اسی قبر میں سولے تو سہی
٭٭٭
میری ہر ایک تمنا سے وہ بیگانہ سہی
اس کو اپنا ہی سمجھتا ہوں میں دیوانہ سہی
بادۂ شوق سہی ساغر و پیمانہ سہی
تیری مرضی ہے تو میخانہ کا میخانہ سہی
سوزشِ دل کا نہیں کوئی مسیحا نہ سہی
چشمِ گریاں کے لیئے جلوۂ جانانہ سہی
محفلِ اہلِ محبت میں تکبر ہے غلط قصرِ شاہی میں تری شان امیرانہ سہی
کون دیکھے گا تجھے تیرگیِ غربت میں
چہرہ دلکش سہی اور چال بھی مستانہ سہی
جان دیتے ہیں زمانہ کو اجالا دے کر
تُو مری شمع سہی میں ترا پروانہ سہی
پاس ہے اپنی وفاؤں کا مجھے اے ناظرؔ
زندگی کھیل سہی پیار اک افسانہ سہی
٭٭٭
دشت غربت میں ، چلو، پیار کی باتیں ہی سہی
کچھ نہیں تو گل و گلزار کی باتیں ہی سہی
ایک سناٹا ہے تنہائی ہے بے چینی ہے
گھر نہیں ہے ، در و دیوار کی باتیں ہی سہی
صحبت یار نہیں ، جلوہ گہ یار نہیں
کیا ہوا ، حسرت دیدار کی باتیں ہی سہی
جشن قربت کی جگہ مرگ تمنا توبہ حاصل شوق دل زار کی باتیں ہی سہی
اے مری سانس نہیں جب کوئی مونس تیرا
میرے محبوب ستمگار کی باتیں ہی سہی
دل جہاں ٹوٹ گیا جوڑیں تو جوڑیں کیسے
وجہ تسکیں کسی غمخوار کی باتیں ہی سہی
غم ہستی سے ذرا چین تو مل جائے گا
دل کے بہلانے کو بیکار کی باتیں ہی سہی
گردش ساغر مئے ہو کہ نہ ہو اے ناظرؔ
میکدہ گر نہیں میخوار کی باتیں ہی سہی
٭٭٭
بہائے علم و متاعِ ہنر نہیں چھپتی
کہ جیسے رونقِ لعل و گہر نہیں چھپتی
چھپا رہا ہوں زباں کو مگر نہیں چھپتی
"صدائے عاشقِ شوریدہ سر نہیں چھپتی "
میں چپ رہوں بھی تو سچّی خبر نہیں چھپتی
کبھی قساوتِ بیداد گر نہیں چھپتی
بیاں کریں نہ کریں سختیِ رہِ الفت
ہمارے چہروں سے گردِ سفر نہیں چھپتی
لبوں پہ شکوۂ جور و جفا نہیں لیکن
میں کیا کروں کہ مری چشمِ تر نہیں چھپتی
سحر کے نام سے ہوتی ہیں ظلمتیں لرزاں
اندھیری رات کے ڈر سے سحر نہیں چھپتی
نہ پوچھ حال ہمارا غبارِ صحرا میں
مکاں سے حالتِ دیوار و در نہیں چھپتی
ثبوت ہوں میں زمانہ میں اپنے ہونے کا
یہ بات ایسی ہے جو عمر بھر نہیں چھپتی
پرندے کنجِ قفس میں ہیں مضطرب ناظرؔ
کہ جہد و کشمکشِ بال و پر نہیں چھپتی
٭٭٭
موجوں کے تھپیڑے سہی طوفاں سے لڑی ہے
تب جا کے کہیں ناؤ کنارے سے لگی ہے
ہر سانس ہے توثیق محبت متبادل ہر لحظہ عطا کردۂ عہد ازلی ہے
دیکھیں بھی تو کیا منظر صحرا کے سوا ہم
جائیں بھی کہاں پاؤں میں زنجیر پڑی ہے
اخلاص و وفا کا صلہ انداز تغافل
شکوہ کوئی تم سے نہیں دنیا ہی بری ہے
تا حد نظر سلسلۂ سینہ فگاراں
ناظرؔ مگر اس شوخ کا انداز وہی ہے
٭٭٭
دشت جنوں میں کشمکش زندگی نہ پوچھ
کرتا ہوں روز روز میں کیوں خودکشی نہ پوچھ
ہر لحظہ اک فریب ، بہر گام اک سراب
اسرار بے خودی و رموز خودی نہ پوچھ
دنیا ہے ایک حلقۂ جادوئے سامری
بے فیض کیوں ہے رشتۂ دیوانگی نہ پوچھ
گھر میرا ہوتا ، آگ لگا دیتا گھر کو میں
کتنی عزیز ہے مجھے تیری گلی نہ پوچھ
شمس و قمر برائے طلوع و غروب ہیں
کن ظلمتوں میں ڈوب گیا آدمی نہ پوچھ
ہر آہ دل سے بن کے نکلتی ہے اک غزل
کیا آمد و نزول ہے کیا شاعری نہ پوچھ
عہد وفا ہے جیسے کوئی بحر بے کراں
کیسے بتاؤں کیا ہے مری دوستی نہ پوچھ
اک لمحۂ وصال نے سب کچھ بھلا دیا
کیسے کٹیں فراق کی گھڑیاں کبھی نہ پوچھ
اڑنا کجا قفس میں ٹہلنا حرام ہے
ناظرؔ نہ پوچھ مجھ سے مری بے بسی نہ پوچھ
٭٭٭
آسماں پر مجھے اے چاند بلاتا کیوں ہے
مجھ سے نالاں ہے تو پھر سر پہ بٹھاتا کیوں ہے
شامِ ہجراں مجھے جوں شمع جلاتا کیوں ہے
غم کے مارے ہوئے انساں کو ستاتا کیوں ہے
چاہنے والے کے دل میں ہے ٹھکانہ تیرا
اسی کعبہ کے در و بام گراتا کیوں ہے
آنکھ میں تاب کہاں ہے ترا جلوہ دیکھے
اپنے دیوانے کو دیوانہ بناتا کیوں ہے
بھول جانا ہے اگر وعدہ و پیماں اپنے
میری ہر بات مجھے یاد دلاتا کیوں ہے
جم گیا تھا جو مرا خونِ جگر بہہ بہہ کر
پھول کہہ کر اسے بالوں میں سجاتا کیوں ہے
شوخی چشم سے غافل نہیں رہتا ناظرؔ
جانے تو اپنی تمنّا کو چھپاتا کیوں ہے
٭٭٭
رہِ وفا میں نہ کر دے گناہگار مجھے
ذرا سنبھال کے لے چل خیالِ یار مجھے
نہ موت بس میں نہ جینے پہ اختیار مجھے !
کہاں پہ چھوڑ دیا تو نے قلبِ زار مجھے
ملے ہیں رنج و الم گو کہ بے شمار مجھے
بنا دیا ہے محبت نے پُر وقار مجھے
رہا نہ ضبط و تحمّل نہ ہے قرار مجھے
تلاطم غمِ ہستی کے پار اتار مجھے
بکھیرے , چاہے زمانہ ہزار بار مجھے
میں تیرے گیسو کے مانند ہوں سنوار مجھے
نہ جانے کب مری نظروں سے دور ہو جائے
"تو میری جان ہے کیا تیرا اعتبار مجھے "
ظہورِ فتنۂ عالم تھا جلوۂ جاناں اسی لیئے ہے قیامت کا انتظار مجھے
کسی کی چشمِ فسوں ساز نے کیا رسوا
ہر ایک شخص سمجھتا ہے بادہ خوار مجھے
میں ایک پیڑ سہی آج تک ہوں سایہ فگن
خزاں کو سونپ نہ دے موسمِ بہار مجھے
خطا ہو میری تو لے کام صاف گوئی سے بلا سے گزرے تری بات ناگوار مجھے
نہ پوچھ کونسی منزل ہے تیرے ناظرؔ کی
نہ کر خدا کے لیئے اور شرمسار مجھے
٭٭٭
خیالِ تاز گئی رنگ و بو سے کیا ہو گا
چمن قریب نہیں آرزو سے کیا ہو گا
نگاہِ یار میں مستی نہیں محبت کی
نہ ہو شراب تو جام و سبو سے کیا ہو گا
زمین دوز ہوں میں اور آسمان ہو تم
ہماری پیار بھری گفتگو سے کیا ہو گا
سوائے بغض و حسد کے سوائے جلنے کے
عدو کے ہاتھ میں کیا ہے عدو سے کیا ہو گا
میں جانتا ہوں کہ دنیا میں ہے وفا نادر
مری تڑپ سے , مری جستجو سے کیا ہو گا
کچھ ایسا وقت ہے ماہ و نجوم بھی گم ہیں
اندھیری شب میں کسی ماہ رو سے کیا ہو گا
اسیرِ زمزمۂ بے خودی ہوں اے ناظرؔ
مجھے سرور کسی خوش گلو سے کیا ہو گا
٭٭٭
سرِ محفل جو غم کی داستاں کہنا پڑے گا
محبت کو دلوں کا امتحاں کہنا پڑے گا
چھڑے گی گفتگو جب صبح دم بیدارِ شب سے
شفق کو قصۂ وہم و گماں کہنا پڑے گا
فراقِ یار ہو یا عمر بھر کی دشت گردی
اسے اک اضطرابِ جسم و جاں کہنا پڑے گا
بہیں گے آنکھ سے آنسو بذکرِ عہدِ رفتہ
ملو گے تم تو سب کچھ مہرباں کہنا پڑے گا
نظر آتے ہیں ناظرؔ ہر قدم پر ایسے منظر
کہ اپنے دوستوں کو کہکشاں کہنا پڑے گا
٭٭٭
عشق میں جب عہدِ وفا کیجیئے پھولوں میں جینے کی دعا کیجیئے
چیں جبیں ہونے سے کیا فائدہ سب سے محبت سے ملا کیجیئے
اپنی ہی رودادِ حسیں کب تلک حال ہمارا بھی سنا کیجیئے
ترکِ تعلق کا اگر شوق ہے پہلے مرے دل کو رِہا کیجیئے
کون ہے دنیا میں بھلا بے غرض اپنا کسے راہنما کیجیئے
زندگی ہے کاکلِ پیچاں صفت دوستی زنجیر سے کیا کیجیئے
ناظرؔ بزمِ طربِ دوستاں شمع کی مانند جلا کیجئے ٭٭٭
سمِ فرقت کو رکھ لوں میں جگر میں بڑی مشکل ہے , عمرِ مختصر میں
رواداری ہے شاعر کے ہنر میں ہوس پلتی ہے قصرِ مال و زر میں
سمایا ہے جو سودا میرے سر میں وہی ہے معتبر اس کی نظر میں
محبت میں عجب حالت ہے دل کی ترے آنسو ہیں میری چشمِ تر میں
خدارا دے نہ الزامِ تغافل نہ ہو جاؤں برا اپنی نظر میں
سرابوں کی مذمّت کر رہا ہے مسافر اور کیا کرتا سفر میں
تسلط ہے یہ کیسا , ظالموں کا تماشہ بن گیا ہوں اپنے گھر میں
کبھی کے لے کے اڑ جاتا قفس کو مگر طاقت کہاں تھی بال و پر میں
عیاں ہے جو ترے رخسار و لب سے کہاں وہ حسن ,تابندہ گہر میں
کبھی راہِ خودی میں گامزن ہوں کبھی عہدِ وفا کی رہگزر میں
اجل نے کر دیا جب مجھ کو غافل ترا نامہ تھا دستِ نامہ بر میں
یہ سحرِ اہلِ دنیا ہے وگرنہ کمی کب تھی دعاؤں کے اثر میں
مکاں اپنے مکیں کا آئینہ ہے صلابت ہے ابھی دیوار و در میں
کروں کیا بے اماں ساحل پہ جا کر سفینہ ڈوب جانے دو بھنور میں
نکل جاتی ہے دل سے آہ ناظرؔ کہ میں ہوں پنجۂ بیداد گر میں ٭٭٭
بد بختیِ شامِ غمِ فرقت نہیں جاتی
بے یار و مددگار ہوں ظلمت نہیں جاتی
گو اہلِ زمانہ کی اذیّت نہیں جاتی
دیوانوں کی رسم و رہِ الفت نہیں جاتی
دل ہی نہیں نذرانۂ جاں دے کے بھی دیکھا
بے مہریِ جاناں کسی قیمت نہیں جاتی
مٹ جاتے ہیں سب گھاؤ بہم داد رسی سے
نیّت نہ ہو اچھی تو کدورت نہیں جاتی
بے شک ہے بہت رحمتِ یزداں کا سہارا
توبہ سے مگر ساری ندامت نہیں جاتی
ہم دشت نوردوں کا عجب حال ہے یارو
سو سال بھی ہو جائیں تو غربت نہیں جاتی
مظلوم کو اک پیڑ کا سایہ نہیں ملتا ظالم کی غریبوں سے عداوت نہیں جاتی
رہتے ہیں مکیں مقدمِ سیلاب سے لرزاں
بے جاں درو دیوار کی ہیبت نہیں جاتی
جی لیتے ہیں ہم کار گہِ شیشہ گراں میں
پتھر پہ لگائی ہوئی تہمت نہیں جاتی
لب پر ہے مرے ماتمِ یک شہرِ تمنّا
نظروں سے مری دور حقیقت نہیں جاتی
کیوں ہم بھی دعا مانگ نہ لیں ہاتھ اٹھا کر
بے سود کسی شخص کی محنت نہیں جاتی
کوشش پہ بھی چہرہ نظر آتا نہیں اپنا
آئینہ سے محبوب کی صورت نہیں جاتی
اِس عالمِ فانی میں تجھے کیسے بھلا دوں
ماں تیری قدمبوسی کی برکت نہیں جاتی
٭٭٭
کس طرح سے کروں اظہارِ محبّت جاناں
تیری نظروں میں کہاں ہے مری قیمت جاناں
کوئی سمجھے کہ نہ سمجھے مرے دل کی باتیں
چشمِ گریاں نے تو کر دی ہے وضاحت جاناں
خوفِ رسوائی بھی ہے پیار کا ارمان بھی ہے
کیسے سلجھے گی یہ الجھی ہوئی چاہت جاناں
ہو نہ ساقی تو بھلا مستی صہبا کیا ہے
نغمۂ شوق ہے دھوکہ شبِ فرقت جاناں
کس کو اپنا کہوں اور کس کو پرایا سمجھوں
جب نہ باقی رہی ما بین مروّت جاناں
کیوں نہ ایجاد علاجِ غمِ تنہائی ہو
کیوں نہ مل بیٹھیں ،کریں دوری کو قربت جاناں
جلوۂ گل نہ میسر ہوا اک مدّت سے
میں نے دیکھی نہیں آئینہ میں صورت جاناں
میں وہی اور وہی وعدۂ فردا تیرا
وصل سے پہلے نہ آ جائے قیامت جاناں
جز ترے کوئی نہیں دیدۂ ناظرؔ کے لیئے
جس کو معلوم ہے دنیا کی حقیقت جاناں
٭٭٭
جب سے اس شہر کے حالات نے بدلی کروٹ اپنی آپس کی ملاقات نے بدلی کروٹ
ارتقا علم و ہنر کا تو ہے مرغوب مگر
ذہنِ انساں کے خیالات نے بدلی کروٹ
صرف تہذیبِ جہاں میں نہ تغیر آیا
شاعری کی بھی روایات نے بدلی کروٹ
عمر بھر الفتِ باہم کی قسم ٹوٹ گئی
کیا ہوا تجھ کو تری بات نے بدلی کروٹ
خم لنڈھے ساغر و بادہ کا توازن بگڑا
ہائے کس طرح خرابات نے بدلی کروٹ
وہ اجالا ہے افق پر کہ تصور بھی نہ تھا
دیکھتے دیکھتے یوں رات نے بدلی کروٹ
شیوۂ حسنِ تعلق نہیں بدلا ناظرؔ
ناگہاں گو مرے جذبات نے بدلی کروٹ
٭٭٭
چھوڑ آئے ہیں کبھی کے جو گلستاں صاحب
ہم کہاں اور کہاں فصل بہاراں صاحب
معرض شوق میں ہے جلوۂ جاناں صاحب
ورنہ کیا میرا یقیں کیا مرا ایماں صاحب
دشت وحشت میں قرار دل و جاں مل نہ سکا
خون ہی خون ہے اور دیدۂ گریاں صاحب
زندگی ہے کہ سرابوں پہ نظر ہو جیسے
ایک دھوکہ ہے بہر حالت امکاں صاحب
کس بھروسہ پہ کروں اپنی وفا کا چرچا
کوئی امّید ہی باقی ہے نہ ارماں صاحب
ہوش کس کو تھا بھلا ہوش تو اب آیا ہے
جب کہ دامن ہے سلامت نہ گریباں صاحب
عقدہ ہائے غم ہستی میں ہے غلطاں ناظرؔ
کیسی مشّاطگی زلف پریشاں صاحب
٭٭٭
کس ستمگر نے کیا مجھ کو ترے در سے الگ
گھر کی بنیاد بھی ہوتی ہے کہیں گھر سے الگ
زندگی بھر نہ بچھڑنے کی قسم کھائی ہے
کون کر پائے گا دریا کو سمندر سے الگ
یوں تو ملتے ہیں زمانے سے بہت رنج و الم
اور کچھ روز ، مقرر ہیں مقدر سے الگ
شکوہ سنجِ ستمِ میکدۂ شوق ہوں میں
ساقیا بھیج دے دُردِ تہِ ساغر سے الک
آؤ طے کر لیں کوئی اور ہی ملنے کی جگہ
بزمِ انجم سے الگ ، راہِ منور سے الگ
خوف بھی ہے ترے ماتھے پہ شکن پڑنے کا
اور خاموش بھی رہتا ہوں ترے ڈر سے الگ
ہائے ناظرؔ یہ کوئی طرزِ مسیحائی ہے
اپنے بیمار کو رکھتے ہیں وہ بستر سے الگ
٭٭٭
آنکھ میری ترے چہرہ پہ گڑی رہتی ہے
تجھ کو دنیا کی مگر فکر بڑی رہتی ہے
تیرہ بختی سے بھلا چین کہاں ہے مجھ کو
" تیری زلفوں کی طرح پیچھے پڑی رہتی ہے "
ایسے لگتا ہے کہ جنت ہے مرے پہلو میں
دل میں اک یاد جو دو چار گھڑی رہتی ہے
دے نہ گلشن کے بدلتے ہوئے موسم کی خبر
دشت میں دھوپ ہمیشہ ہی کڑی رہتی ہے
ابرِ غم کھلنے نہیں پایا کبھی بن برسے
تا زمیں آنکھ سے اشکوں کی جھڑی رہتی ہے
کون جانے تری پیشانی پہ بل ہے کہ نہیں
کیونکہ وہ لعل و جواہر سے جڑی رہتی ہے
سوچتا ہے کہیں اندھا تو نہیں ہے ناظرؔ
جب سے چلمن تری محفل پہ پڑی رہتی ہے
٭٭٭
کہاں کی شاعری یارو ،اسیری میں ادب کیسا
سناؤں حال دل کیسے ، کہوں موسم ہے اب کیسا
جنون دشت گردی میں ، تمناؤں کے صحرا میں
طرب انگیزی الفت ہے کیا پیمان شب کیسا
کسی تصویر کو میں بے ارادہ چوم لیتا ہوں
مگر گونگی ہے کیا بولے ،کرے اقرار لب کیسا
غفیر اہل دل میں کوئی تو ہمراز ہو میرا
سمجھ لیتے ہیں مجھ کو جانے اس محفل میں سب کیسا
کوئی مجھ سے ہے نالاں ، ہو، مگر یہ تو بتائے کیوں
یہ انداز جفا کیسا ہے ، طنز بے سبب کیسا
نگاہ یار کے مارے ہوئے بدمست ہیں کب سے
تماشا میکدہ میں کر گئی بنت العنب کیسا
بہت مجبور ہیں ناظرؔ ہماری کون سنتا ہے
کسی سے کیا شکایت شعلۂ غیظ و غضب کیسا
٭٭٭
محبت کا نشہ پاگل نہ کر دے تیرے شاعر کو
بھٹکتا چھوڑ دے تنہا بیاباں میں مسافر کو
کہاں وہ لذتِ وصلِ شبِ معمورۂ الفت
کہاں یہ آرزوئے نامۂ جاناں مہاجر کو
بڑی مشکل سے خط لکھا ہے وہ بھی ہے ادھورا سا
چلے آتے کبھی تو بھول کر ہی جبرِ خاطر کو
چلو میں بھی تو دیکھوں کس قدر ظالم ہے وحشی ہے
کہاں تک ٹھوکریں مارے گی دنیا ایک صابر کو
نہیں منظور لیکن آنے والے چند برسوں میں
خدا حافظ تو کہنا ہی پڑے گا اپنے ناظرؔ کو
٭٭٭
کوئی منزل ہے محبت کی نہ جادہ میرا
مجھ سے کیا پوچھ رہے ہیں وہ ارادہ میرا
جس کو قسمت کرے محروم خوشی کیا اس کی
کیوں اڑاتے ہو مذاق اور زیادہ میرا
پر سکوں رات کی تنہائی نہ دن کے لمحے
دھوپ نے چھین لیا مجھ سے لبادہ میرا
میکدہ چھوٹ گیا جانے کہاں ہے ساقی
دور ساغر ہے نہ مشرب ہے نہ بادہ میرا
سب کے سب رنج و الم جھونک دیا کرتے ہیں
دل نہ رہ پائے گا اے دوست کشادہ میرا
غیر مت جان کہ مستغنیِ دنیا ہوں میں
بات سیدھی سی ہے اسلوب ہے سادہ میرا
کتنا مشکل ہے سمجھتا نہیں کوئی ناظرؔ
ریگ صحرا پہ سفر وہ بھی پیادہ میرا
٭٭٭
وہ دوست کیا ہے جو رسمِ الفت سمجھ نہ پائے
ستم کیئے جائے , دل کی حالت سمجھ نہ پائے
گزر گہِ آسماں پہ ہیں نقشِ پا تمہارے
مگر ہمیں دیکھو ہم حقیقت سمجھ نہ پائے
لکیریں ہاتھوں کی بھول کر بڑھ گیا زمانہ
ہماری قسمت ! کہ اپنی قسمت سمجھ نہ پائے
یہ سچ کہ ہر شخص معتبر ہے مری نظر میں
مگر میں وہ ہوں جو اپنی قیمت سمجھ نہ پائے
وجوبِ شکرِ خدا اگر ذہن میں رہا بھی
بقدرِ انعامِ مال و دولت سمجھ نہ پائے
نہ تھی کسی عارضی مصیبت کی ہم کو پروا
غمِ دوامِ عذابِ غربت سمجھ نہ پائے
یہ خوش نصیبی نہیں ہماری تو اور کیا ہے
کہ تیرے اسرارِ بزمِ خلوت سمجھ نہ پائے
اِدھر ہمیں ان کی بے بسی کی خبر نہیں تھی
اُدھر وہ آلامِ شامِ فرقت سمجھ نہ پائے
الجھ گئے تھے وہ رنگ رلیوں میں زندگی کی
ہمارے حسن وفا کی غایت سمجھ نہ پائے
خدا ہی سمجھائے ان عزیزوں کو دوستوں کو
جو میرے اقرار کی صداقت سمجھ نہ پائے
ہلاکِ سحر جمال یوں ہو گئے تھے ناظرؔ
تری طرحداری محبت سمجھ نہ پائے
٭٭٭
حاصل صاعقۂ ابر رواں کیا ہو گا
میرے کھیتوں کا خدا جانے سماں کیا ہو گا
پیار کی روشنی دے کر میں ہوا شرمندہ
آخر شب مرا پھیلے جو دھواں کیا ہو گا
زندگی کٹتی ہے گنتے ہوئے لمحات الم
او ر کچھ اس کے سوا میرا زیاں کیا ہو گا
دل تو زندہ ہے مگر شل ہوئے دست و بازو
ہم ہیں مجبور خدا جانے کہاں کیا ہو گا
نئے سورج کی تپش جانگسل ہے کتنی
سبزہ کرتا رہے گر آہ و فغاں کیا ہو گا
ہم گلستاں کو اگر دشت جنوں کہنے لگیں
پھول کیا سوچیں گے کانٹوں کو گماں کیا ہو گا
مبتلائے غم دوراں ہے غزل ناظرؔ کی
اب یہ عالم ہے تو کل اے مری جاں کیا ہو گا
٭٭٭
سبق یہ مجھ کو زمانے میں زندگی سے ملا
کسی کو جو بھی ملا اس کی راستی سے ملا
تعلقات کا معیار مختلف ہی سہی
کبھی غرور نہ کر ہاتھ ہر کسی سے ملا
رہ وفا میں ہر اک گام پر اندھیرا تھا
مقام یار محبت کی روشنی سے ملا
بقید خوئے تغافل تھا کیا پڑی تھی اسے
ملا ہے مجھ سے وہ ظالم تو بے رخی سے ملا
بہار کتنے دنوں کی ہے اور کیا ہو گا
جواب اس کا چمن کی کلی کلی سے ملا
سراغ ذات ملا ہے جہاں عدم سے مجھے
خودی کا آئینہ اسرار بے خودی سے ملا
نظر میں کنز معانی تھا مستقل ناظرؔ
زباں کو مسلک اظہار شاعری سے ملا
٭٭٭
جز مرے کون ہے اب تیری نظر میں تنہا
سوئے منزل ہوں رواں راہگزر میں تنہا
اے مرے شہر کے دربان بھلا ہو تیرا
کر دیا تو نے مجھے اپنے ہی گھر میں تنہا
چشم قاتل کے ہدف یوں تو کئی زخمی تھے
چبھ گیا تیر نظر میرے جگر میں تنہا
چھین لینے پہ تلا ہے وہ مری جُرات دل
جس کا سودا ہے سمایا ہوا سر میں تنہا
میں شب غم کا ستایا ہوا تنہا انساں
اور وہ ایک ستارہ ہے سحر میں تنہا
تجھ کو معلوم ہے ہر شئے کی حقیقت یارب
کچھ نہ کر پاؤں گا میں خوف خطر میں تنہا
ڈھا دیا کس نے مرے کعبۂ دل کو ناظرؔ
صورت یار ہے کیوں دیدۂ تر میں تنہا
٭٭٭
رونق فصل بہاراں ہے چمن میں کیا کیا
نغمہ و شعر کا چرچا ہے دکن میں کیا کیا
گاہ چھپنا گہے پردہ سے نکلنا باہر
دلکشی ہے ترے بے ساختہ پن میں کیا کیا
آزماتی رہی ہر وقت یہ دنیا مجھ کو
امتحاں لیتی رہی رنج و محن میں کیا کیا
حیف آزاد لبوں پر بھی پڑے ہیں تالے
یوں تو ہوتے ہیں ستم دار و رسن میں کیا کیا
اجنبی ہو گئے ہم، غیر ہوئے ہیں تیرے انقلابات ہوئے چشم زدن میں کیا کیا
ناز نخرہ ہو کہ انداز تغافل تیرا
رنگ لاتا ہے مرے شعر و سخن میں کیا کیا
جیتے جی میں کہیں ہو جاؤں نہ بے گھر ناظرؔ
ان بے تاب ہے اس فکر سے تن میں کیا کیا
٭٭٭
راہِ وفا پہ گامزن رہنے کا یہ صلا ملا
دشتِ الم کی دھوپ میں کوئی نہ آسرا ملا
نغمۂ آرزوئے دل ڈھل گیا سوز و آہ میں
سازِ طرب فزا ملا اور نہ مدعا ملا
لذتِ بندگی مری خواب و خیال ہو گئی
میرا قرار لوٹ کر جانے کسی کو کیا ملا
منزلِ آرزو بھی تُو منزلِ جستجو بھی تُو
جس جس طرف قدم بڑھے تیرا ہی نقشِ پا ملا
سایہ فگن درخت کا سمجھو کہ خاتمہ ہوا
شعلۂ آفتاب اگر برق و شرر سے جا ملا
آ گئی لب پہ التجا آس کے راستے کھل گئے
ہاتھ ہمارے اٹھ گئے بابِ دعا تو وا ملا
ناظرِؔ ؔ دشت گرد کا حال ہے ایسے غریب سا
جس کو ہجومِ یاس میں کوئی نہ راستا ملا
٭٭٭
ہے کوئی قوس قزح یا تری انگڑائی ہے
یا سمجھ لوں کہ گلستاں میں بہار آئی ہے
جی میں آتا ہے کہ روداد محبت کہہ دوں
اور ڈرتا ہوں کہ اظہار میں رسوائی ہے
حسن ہے شمع صفت عشق ہے پروانہ نما
ہائے کس اوج پہ یہ انجمن آرائٍی ہے
ہر کوئی سہل پسندی کی طرف ہے مائل
ورنہ ہر بات میں گہرائی ہے گیرائی ہے
جان لیتا ہوں لب و لہجہ سے دل کی حالت
میری دنیا سے زمانے کی شناسائی ہے
جس جگہ ہو نہ خلوص اور محبت باہم
ایسی محفل سے بھلا گوشۂ تنہائی ہے
لوٹ لیتے ہیں مجھے لوٹنے والے ناظرؔ
میری قسمت میں فقط صبر و شکیبائی ہے
٭٭٭
کیا وصل کی حسرت شبِ ہجراں سے مجھے کیا
آوارۂ صحرا ہوں دل و جاں سے مجھے کیا
مشکل ہے محبّت میں جہاں سانس بھی لینا
میں کون تری کاکلِ پیچاں سے مجھے کیا
سب چاک ہوئے عرصۂ آشفتہ سری میں
کیا فکر ہے دامن کی گریباں سے مجھے کیا
دنیا کے تغیّر سے بھلا کیا ہے تعلّق
گردش میں ہوں خود گردشِ دوراں سے مجھے کیا
مانا کہ گلستاں میں ہے فردوس کی رونق
جب تم ہی نہیں فصلِ بہاراں سے مجھے کیا
توبہ یہ تغافل یہ تجاہل یہ تساہل
کہتے ہو مرے حالِ پریشاں سے مجھے کیا
کیا کام ترے ہوتے ہوئے ظلمتِ شب کا
اے نور کے پیکر مہِ تاباں سے مجھے کیا
راتیں ہی نہیں دن بھی ہیں تاریک سے ناظرؔ
بے بس ہے تو خورشیدِ درخشاں سے مجھے کیا
٭٭٭
وفا کر وعدۂ دیدار امشب نہیں گنجائش انکار امشب
گزر جائے گا امیدوں کا دن بھی ستائے گا خیال یار امشب
شریک انجمن کوئی نہ ہو تو سنیں گے کیا در و دیوار امشب
جلیں گے شمع ساں ہم اس کے آگے بھرے گا حسن کا دربار امشب
مہ و انجم کہیں پوشیدہ ہوں گے اندھیرا ہو گا دل آزار امشب
اگر آنا نہیں ممکن تمہارا چلے آئیں گے ہم سرکار امشب
سجے گی محفل فکرو نگارش رہیں گے اہل دل بیدار امشب
مئے گلفام پر جادو کرے گی کسی کی نرگس بیمار امشب
بہت ہیں سننے والے میرے ناظرؔ سناؤں کو ن سے اشعار امشب ٭٭٭
شہر میں حشر ہے بپا شاید دھول اڑتی ہے جا بجا شاید
کاکل یار کیوں پریشاں ہے امتحاں سر پہ آ گیا شاید
ہے یہ تاثیر برق جور و ستم جل گیا دامن وفا شاید
خیمہ کھو کر ہو اور سرگشتہ لے اڑی ہوش بھی ہوا شاید
چھوٹ جاتے ہیں ان کے دست طلب لب پہ آتی نہیں دعا شاید
تجھ کو میرا بھی اعتبار نہیں ہے زمانہ بہت برا شاید
چشم بینا ہے اور میں ناظرؔ مل رہی ہے مجھے سزا شاید ٭٭٭
حسرت دید یار باقی ہے آج بھی انتظار باقی ہے
اشک میرے ہیں آنکھیں میری ہیں دامن تار تار باقی ہے
دشت غربت سے اور جاؤں کہاں کیا چمن میں بہار باقی ہے
کس کو ہے خوف خارزار الم جب مرا غمگسار باقی ہے
دل میں تیرے سوا نہ تھا کوئی اور تیرا ہی پیار باقی ہے
ہائے وہ مجھ سے بے نیاز نہیں کس قدر اعتبار باقی ہے
سانس لیتے ہیں مر کے بھی ناظرؔ زندگی کا خمار باقی ہے ٭٭٭
بہارِ گلشنِ مہر و وفا کچھ اور کہتی ہے
ستم پرور زمانہ کی ہوا کچھ اور کہتی ہے
بوقتِ وصلِ شب ان کی جفا کچھ اور کہتی ہے
بکھر جاتی ہے جب زلفِ دوتا کچھ اور کہتی ہے
رہِ الفت میں تم کیوں لرزہ بر اندام رہتے ہو
مسلسل پرسشِ مشکل کشا کچھ اور کہتی ہے
قیامت آنے والی تھی مگر شاید وہ آئے ہیں
گماں کچھ اور تھا آوازِ پا کچھ اور کہتی ہے
سمٹ آئے ہیں یادوں کے خزانے ذکرِ ماضی پر
اگرچہ دشتِ غربت کی فضا کچھ اور کہتی ہے
محبّت میں نہ جانے کیوں مجھے آنکھیں دکھاتے ہو
اگر مجبوریِ ناز و ادا کچھ اور کہتی ہے
غمِ دل پرتوِ نقشِ خیالِ یار جیسا ہے
"مگر میری زباں اس کے سوا کچھ اور کہتی ہے "
ہمارا کیا تھا ہم تو آپ کو اپنا سمجھ بیٹھے
یہ کیا مشکل ہے اب خلقِ خدا کچھ اور کہتی ہے
کیا کرتی ہے وعدہ زندگی بھر ساتھ دینے کا
خدا جانے تری تصویر کیا کچھ اور کہتی ہے
فلک پر چاند کے مانند تم کیوں دور ہو مجھ سے
چلے آؤ کہ ساون کی گھٹا کچھ اور کہتی ہے
جہاں ہم خیمہ زن ہیں راحتِ دل کے لیئے ناظرؔ
وہاں موسم نہیں اچھا ہوا کچھ اور کہتی ہے
٭٭٭
جب کسی نا مہرباں کو مہرباں کہنا پڑا
ہم نے یہ سمجھا زمیں کو آسماں کہنا پڑا
سایہ افگن تھی تمہاری غمگساری اس طرح
خار زار زندگی کو گلستاں کہنا پڑا
راہ الفت میں مسلسل تھے کچھ ایسے امتحاں
نقش پائے یار کو جنت نشاں کہنا پڑا
تم گلے مل کر جو مجبوراً جدا ہونے لگے
روتے روتے اختصار داستاں کہنا پڑا
راحت دل ہو گئی جب نذر امید کرم
ابتلائے شوق کو آرام جاں کہنا پڑا
قصۂ دیوانگی تھا یا زمانے کے ستم
شہر نا پرساں میں جو کچھ این و آں کہنا پڑا
شاعری کا پیرہن تھا چاک ناظرؔ اس قدر
کرب جاں در صورت لفظ و بیاں کہنا پڑا
٭٭٭
رونقِ فصلِ بہاراں ہے چمن میں کیا کیا
نغمہ و شعر کا چرچا ہے دکن میں کیا کیا
گاہ چھپنا گہے پردہ سے نکلنا باہر
دلکشی ہے ترے بے ساختہ پن میں کیا کیا
آزماتی رہی ہر وقت یہ دنیا مجھ کو
امتحاں لیتی رہی رنج و محن میں کیا کیا
حیف آزاد لبوں پر بھی پڑے ہیں تالے
یوں تو ہوتے ہیں ستم دار و رسن میں کیا کیا
اجنبی ہو گئے ہم ، غیر ہوئے ہیں تیرے
انقلابات ہوئے چشمِ زدن میں کیا کیا
ناز نخرہ ہو کہ اندازِ تغافل تیرا
رنگ لاتا ہے مرے شعر و سخن میں کیا کیا
جیتے جی میں کہیں ہو جاؤں نہ بے گھر ناظرؔ
جان بے تاب ہے اس فکر سے تن میں کیا کیا
٭٭٭
تیرا ستم ہے ایک ادا اور تیری جفا منظور مجھے
چاہے اپنے دل میں رکھ لے چاہے کر دے دور مجھے
زخم دیئے اتنے دنیا نے سانس بھی لینا مشکل ہے
تیری آنکھ نے دھوکہ کھایا سمجھ لیا مغرور مجھے
دشت نوردی کا حاصل ہے آبلہ پائی وقت سفر
اے غم جاناں تیری رضا نے کب سے کیا مجبور مجھے
غیروں کا کیا ذکر کروں میں کون بھلا کس کی سنتا ہے
میرا دل لینے والا بھی کر نہ سکا مسرور مجھے
کس پر میں الزام لگاؤں کس کی ہے یہ کارگری
اپنا گھر جب اجلے دن میں آئے نظر بے نور مجھے
جانے سبب کیا ہو گا ناظرؔ کیوں آئی یہ تبدیلی
گمنامی میں رکھنے والا کرنے لگا مشہور مجھے
٭٭٭
خلوتِ ناز سے جس دم وہ نمایاں ہوں گے
قصرِ الفت کے در و بام درخشاں ہوں گے
جب گلستاں میں فسوں ہائے بہاراں ہوں گے
کتنے ہی بھونرے شہیدِ گلِ خنداں ہوں گے
ہار پھولوں کا لیئے جب شبِ ہجراں ہوں گے
کون کہتا ہے کہ ہم بے سر و ساماں ہوں گے
ہم نے سمجھا تھا کہ پیوستِ رگِ جاں ہوں گے
کیا خبر تھی کہ وہ غارت گر ایماں ہوں گے
آدمی اپنی حقیقت میں جو انساں ہوں گے
دار ہوں گے نہ ہی زندانیِ زنداں ہوں گے
یوں ہی باقی جو رہا میرے جنوں کا عالم
دل کے ٹکڑے بھی بہر تارِ گریباں ہوں گے
کیا بھروسا مری سانسوں کا غمِ فرقت میں
"گر وہ ہوں گے بھی تو بے وقت پشیماں ہوں گے "
آبلے پھوٹ کے روئیں گے سکوں تو ہو گا
راہ الفت میں اگر خارِ مغیلاں ہوں گے
وقتِ رخصت جو تڑپ جائے گا دل سینے میں
چند اشکوں کے گہر بھی سرِ مژگاں ہوں گے
دشتِ غربت میں ہے بدلے ہوئے موسم کی خبر
کیا ہر اک موڑ پہ رنگین خیاباں ہوں گے
ہو کے صیدِ غمِ امواجِ بلا سوچتے ہیں
لوگ نادان سمجھتے ہیں تو ناداں ہوں گے
وائے بدبختیِ آوارگیِ شام و سحر
کیا یہی ہم یہی صحرا و بیاباں ہوں گے
چاہنے والوں پہ ہو جائے اگر لطف و کرم
محفلِ یار میں دن رات چراغاں ہوں گے
صرف اندازہ تھا معلوم نہیں تھا مجھ کو
اتنے پر پیچ ترے گیسوئے پیچاں ہوں گے
کنجِ تنہائی ہے اُس بزم سے بہتر ناظرؔ
آستینوں میں جہاں دشنۂ پنہاں ہوں گے
٭٭٭
اگر دو دلوں میں محبت نہ ہو گی یہ دنیا کبھی خوبصورت نہ ہو گی
نہ ہو گا جو پہلا سا تم سے تعلق جگر سوزی شامِ فرقت نہ ہو گی
جفا پیشہ سے کیا امیدِ وفا ہو مجھے تم سے کوئی شکایت نہ ہو گی
مجھے کب ہے اپنا فسانہ سنانا بلا سے اگر ان کو فرصت نہ ہو گی
وہ یہ کہہ کے باز آئے ناز و ادا سے قیامت سے پہلے قیامت نہ ہو گی
چھلکنے لگی ہے جو آنکھوں سے شبنم کسی پھول کی تو شرارت نہ ہو گی
اسی طرح کب تک دماغ آسماں پر ’’ادھر کیا نگاہِ محبت نہ ہو گی "
بتائے کوئی مجھ کو ایسا ٹھکانہ جہاں سوزشِ دشتِ غربت نہ ہو گی
کٹی زندگی جس کی صحنِ چمن میں بیاباں میں کیوں اس کو وحشت نہ ہو گی
یہ چہرہ یہ رنگِ حیا یہ تبسم گلوں میں بھی تیری شباہت نہ ہو گی
تری چشمِ مخمور نے مار ڈالا کسے پیار کرنے کی حسرت نہ ہو گی
کہاں جائے گا تیرا دیوانہ شاعر میسر اگر تیری صحبت نہ ہو گی
کہاں لطف آئے گا ناظرؔ غزل کا حسینوں میں جب تک مروت نہ ہو گی ٭٭٭
خفا کیوں مجھ سے ہو دلدار میرے نہ بدلے وعدہ و اقرار میرے
کبھی غفلت کی نیند آئی ہے مجھ کو بتا تو ہی دلِ بیدار میرے
تسلّی غیر کیا دیں گے سفر میں نہیں جب دوست بھی غمخوار میرے
ترس جاتا ہوں ساحل پر سکوں کو " ابھی کچھ لوگ ہیں اس پار میرے "
سلامت کیوں رہے میرا گریباں اڑا دو دھجیاں سرکار میرے
ہمارے درمیاں ہے راز اپنا کھلے ہیں کب لبِ گفتار میرے
رہِ الفت میں ہوں درماندہ کب سے کہاں ہیں قافلہ سالار میرے
وہی واقف ہیں میری زندگی سے سمجھ لیتے ہیں جو اشعار میرے
جسے ہے لالہ و گل سے عداوت قریب آئے نہ وہ زنہار میرے
بہت مشکل ہے صحرا پار کرنا قدم ہیں گو سبک رفتار میرے
کہیں دنیا نہ تیرا سر کچل دے سنبھل کر خامۂ خود دار میرے
بھلا ہو دشت کی آوارگی کا کیئے سب حوصلے بیکار میرے
مکاں اپنا ہے ناظرؔ یوں مخاطب نہیں باقی در و دیوار میرے ٭٭٭
دل پہ جو کچھ بھی گزرتی ہے کہوں یا نہ کہوں
مان لوں اپنا تجھے یا کوئی بیگانہ کہوں
جب سے آشفتہ سری نے مجھے آوارہ کیا
ہے مناسب کہ تر ے شہر کو ویرانہ کہوں
بحر حسرت میں جو یادوں کے سفینے ڈوبے
ہائے کس منہ سے بھلا پیار کا افسانہ کہوں
دشتِ غربت میں کہاں آبلہ پائی سے مفر
ورنہ میں تو کسی صحرا کو بھی صحرا نہ کہوں
ہوش ہوتا تو خبر ہوتی مجھے عالم کی
کس کو فرزانہ کہوں اور کسے دیوانہ کہوں
تُو نے یوں دیکھا مجھے جیسے کہ دیکھا ہی نہیں
اور میں ہوں کہ تری چال کو مستانہ کہوں
زندگی کیا ہے عذابِ دل و جاں ہے ناظرؔ
لوگ کہتے ہیں کہ دنیا کو بھی دنیا نہ کہوں
٭٭٭
غنچہ برہم نہیں ناراض نہیں گل مجھ سے
باغباں کس لیئے بے وجہ تغافل مجھ سے
صحن گلشن میں رہی باد خزاں سے ان بن
دشت غربت میں کہاں ہو گا تحمل مجھ سے
تجھ کو دل دے کے کروں غیر سے سودا دل کا
ہو سکے گا نہ قیامت میں بھی بالکل مجھ سے
باغ فردوس کہاں اور مری اوقات ہی کیا
توبہ توبہ ترا اصرار توسل مجھ سے
بھا گئی ہو گی تجھے نغمہ سرائی میری
ورنہ گلشن میں تو کچھ کم نہیں بلبل مجھ سے
منہ بناتا ہے جو دنیا کی ستمگاری پر
چھین لیتا ہے وہی حسن تغزل مجھ سے
بے نیازی تری فطرت میں ہے لیکن ظالم
اتنا انجان ہے کیوں بہر خدا کھل مجھ سے
مجھ سے غافل نہ رہیں ساغر و مینا ناظرؔ
بے تکلف ہے گلو سوزی قلقل مجھ سے
٭٭٭
لائی ہے بادِ صبا فصلِ بہاراں کی خبر
سچ ہے یا جھوٹ خدا جانے گلستاں کی خبر
دشتِ غربت میں بھلا ہوش کی باتیں کیسی
نہ ہی دامن کی خبر ہے نہ گریباں کی خبر
عقدہ ہائے غمِ ہستی کا نہ چرچا کیجئے
کون ہے جس کو نہیں زلفِ پریشاں کی خبر
کر دیا صحبتِ رنداں نے جہاں سے غافل
ایک مدّت سے نہیں گردشِ دوراں کی خبر
ترکِ اندازِ تغافل ہے ضروری ورنہ پھیل جائے گی مرے دیدۂ گریاں کی خبر
تشنہ دید نگاہوں کو پتہ تک نہ چلا
شامِ فرقت نے چھپا لی مہِ تاباں کی خبر
شیوۂ ترکِ تعلق کو جو اپنایا ہے
کیا نہ تھی تجھ کو ترے وعدہ و پیماں کی خبر
راہزن جانے ہے یا راہنما جانے ہے
راہرو کو نہیں اپنے سر و ساماں کی خبر
کشتیوں میں ہیں پریشان مسافر سارے
اہلِ ساحل کو نہیں یورشِ طوفاں کی خبر
مبتلائے غمِ دل اور کہاں سر پھوڑے
جبکہ غمخوار کی ہو آس نہ درماں کی خبر
اپنے ناظرؔ کو کرو دفن جہاں جی چاہے
لاش کو ہوتی نہیں گورِ غریباں کی خبر
٭٭٭
ہاتھ میں دوں گا جو ہاتھوں کے برابر چوڑیاں
کیا پہن لو گی مری جاں مسکرا کر چوڑیاں
آرزو دل کی نہ رو رو کر کہیں دم توڑ دے
چپ نہ ہو جائیں کہیں پردے کے اندر چوڑیاں
دستِ نازک سے کسی نے لے لیا دل چھین کر
پیش کرنے میں تو لایا تھا معطر چوڑیاں
مجھ سے ملنے میرے گھر آئی ہو دلہن کی طرح
تن پہ ہے پھولوں کا زیور اور جی بھر چوڑیاں
تیر ے دامن میں تو ممکن ہے جگہ مل جائے گی
کیا کہیں گی مجھ سے جانے تیری سندر چوڑیاں
٭٭٭
محبت دل میں تھی جتنی ، ہے اتنا غم نہاں یارو
بسا لیں کس طرح صحرا میں لا کر گلستاں یارو
لبوں کی مسکراہٹ چھین لی اپنی ہی قسمت نے
جہاں امید فصل گل تھی ، آئی ہے خزاں یارو
سراغ منزل مقصود پا کر بھی بھٹکتے ہیں
نہ ہیں وہ کارواں والے نہ میر کارواں یارو
کہیں موج تلاطم ہے کہیں آندھی کے جھکڑ ہیں
کوئی بتلائے اس حالت میں ہم جائیں کہاں یارو
ہمارا ضعف یہ ہے ہم کسی سے کچھ نہیں کہتے
مگر ہے یاد تھوڑی سی ہمیں اردو زباں یارو
خدا جانے جو ہم اٹھ جائیں تو دنیا کا کیا ہو گا
سنا ہے ہم سے قائم ہیں زمین و آسماں یارو
بڑھے ساحل سے آگے تو کئی ساحل نظر آئے
جلا کر آئے تھے ہم اپنی ساری کشتیاں یارو
نہ جانے زندگی کا فیصلہ کچھ کیوں نہیں ہوتا
ہمیشہ بے ثباتی کیوں ہے کب تک این و آں یارو
بیابان الم ہےا ور قہر دشت گردی ہے
نہ اپنے بال و پر باقی نہ کوئی آشیاں یارو
بھر م رکھنا ہے اپنے دوستوں کی پاسداری کا
وگرنہ جانتے ہیں سب ہماری داستاں یارو
کسی قابل نہیں رکھا ہے ناظرؔ کو مقدر نے
اگر بازو ہیں شل تو پاؤں میں ہیں بیڑیاں یارو
٭٭٭
فراقِ یار میں دل بے قرار ہے کب سے
خزاں میں حسرتِ فصلِ بہار ہے کب سے
ملن کی آس میں مایوسیوں کی ظلمت میں
جمالِ صبح ترا انتظار ہے کب سے
ابھی وہ آئیں گے آتے ہیں آ رہے ہوں گے
کسی کے وعدہ پہ صبر و قرار ہے کب سے
نہ جانے تجھ کو خیالِ رفوگری کب ہو
ہمارا دامنِ دل تار تار ہے کب سے
خوشی کے آنسو بہے جا رہے ہیں آنکھوں سے
کہ سامنے ہی مرا غمگسار ہے کب سے
بفیضِ تمکنتِ شوق گفتگو اس کی مرے مزاج کی آئینہ دار ہے کب سے
کہیں میں خلوت و جلوت کا راز داں تو نہیں
نہ جانے تجھ سے مجھے اتنا پیار ہے کب سے
کہاں تلاش کروں اس کو کس جگہ ڈھونڈوں جنون آگہی سر پر سوار ہے کب سے
حجابِ جلوۂ جاناں کہاں رہا ناظرؔ
نظر کے سامنے وہ پردہ دار ہے کب سے
٭٭٭
نہیں سہتا کوئی انساں شکستِ آرزو برسوں
" دکھا کر دل مرا پچھتائے گا وہ تند خو برسوں "
ذرا سوچو بھلا , کیا کچھ ہوا ہے چار سو برسوں
لٹی ہے ہر قدم پر دوستی کی آبرو برسوں
دل و جاں سے چمن میں تھے فدائے رنگ و بو برسوں
یہی کہتا رہا ہے بے زبانوں کا لہو برسوں
ہمارے کام کب آئی ہماری جستجو برسوں
سوادِ دشتِ وحشت میں نظر آیا نہ تو برسوں
اسی سے بے جھجک ہوتی رہی ہے گفتگو برسوں
مثالِ آئینہ آتا رہا جو روبرو برسوں
محبت کا تمسخر مت اڑا ظالم کہ میں وہ ہوں
جسے رہنا پڑا پیاسا کنارِ آبجو برسوں
اگر تم کو جفا پر ناز ہے اپنی تو رہنے دو
ہمارا کیا ہے ہم پھرتے رہیں گے کو بکو برسوں
اگر اے بخیہ گر تو میرے زخموں کو سمجھ لیتا
نہ جاتی رائگاں ہرگز تری سعیِ رفو برسوں
کسے معلوم کیا گزری ہے دیوانوں کی جانوں پر
تماشائی تو کرتے ہی رہے ہیں ہا و ہو برسوں
کوئی ساقی کی چشمِ ناز دیکھے یا بپھر جائے
نہ ہو جس میکدے میں رونقِ جام و سبو برسوں
مرے ناوک فگن کو کس طرح سمجھاوں اے ناظرؔ
ذرا سی چوٹ لگتی ہے تو رستا ہے لہو برسوں
٭٭٭
وعدۂ وصل جو کرتے ہو ستاتے کیوں ہو
اور دیوانے کو دیوانہ بناتے کیوں ہو
چھیڑتے کیوں ہو مجھے چھوڑ کے جاتے کیوں ہو
جان لینا ہے تو پھر جان چراتے کیوں ہو
آئنہ دیکھ کے پھولا نہ سماتے کیوں ہو
ٹوٹ جائے نہ کہیں جوش میں آتے کیوں ہو
عشرتِ سایۂ گل یاد دلاتے کیوں ہو
خواب میں آتے ہو کیوں نیند اڑاتے کیوں ہو
گرنے والی ہے جو دیوار اٹھاتے کیوں ہو
"چارہ سازو مری امّید بندھاتے کیوں ہو "
غور کیوں کرتے نہیں اپنے چلن پر صاحب
چاہنے والے پہ الزام لگاتے کیوں ہو
میرا کیا ہے میں رہوں یا نہ رہوں دنیا میں
اپنے ہی نقشِ کفِ پا کو مٹاتے کیوں ہو
جادۂ شوق میں اقرارِ تفاوت کیسا درمیاں خوف کی دیوار اٹھاتے کیوں ہو
قطرۂ اشک ہے کیا آپ کا ناظر ناظرؔ
دلنشیں کہہ کے بھی آنکھوں سے گراتے کیوں ہو
٭٭٭
مثلِ گدا ہم پیشِ سرِ مغرور نہ ہوتے
حسرتِ دل کے ہاتھوں اگر مجبور نہ ہوتے
فطرتِ انساں تجھ سے جو ہم معمور نہ ہوتے
طالبِ نورِ جلوہ کوہِ طور نہ ہوتے
غفلتِ چشمِ یار نے دل آزردہ کیا ہے
ورنہ کبھی یوں اس کی گلی سے دور نہ ہوتے
ہر بنِ مو سے چشمۂ ذکرِ یار ابلتا
درد و الم سے گر دل و جاں بھر پور نہ ہوتے
سایۂ گل میں کاش سکوں سے اپنی گزرتی کاش چمن کی مست فضا سے دور نہ ہوتے
قتل گہِ عشّاق بہت ہی خواب شکن تھی
ہوتا بھلا گر صیدِ دلِ رنجور نہ ہوتے
پرسشِ حالِ اہل تمنّا بزمِ وفا میں
کرتے بقدرِ شوق تو یوں مغرور نہ ہوتے
وحشتِ غربت پہلے کبھی جاں سوز نہیں تھی
اتنے بھی ورنہ اے مری جاں مجبور نہ ہوتے
ناظرؔ اہل زعمِ عدالت کاش کہ ان کے
دیدہ و دل تو منحرفِ دستور نہ ہوتے
٭٭٭
٭٭٭
مرحوم عبد اللہ ناظر کی اجازت اور سلیم باشوار کے تشکر کے ساتھ
ماخذ: سلیم باشوار کی مہیا کردہ فائلیں اور
http://abdullahnazir.com
ان پیج سے تبدیلی (جزوی)، پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
کوچۂ بتاں
عبداللہ ناظرؔ
غزلیں
جہاں تک تمہاری نظر جائے گی
ہمارے جنوں کی خبر جائے گی
نہ ہوں گے بہم گر گھڑی دو گھڑی
کہاں جائے گی شب کدھر جائے گی
مرے دستِ کوشاں سکوں پائیں گے
اگر تیری کاکل سنور جائے گی
کٹی عمرِ رفتہ تری یاد میں
جو باقی ہے وہ بھی گزر جائے گی
جوانی کا کوئی بھروسہ نہیں
چڑھی ہے سو ندی اتر جائے گی
نشیمن پہ بجلی گری ہے مگر
یہ تہمت بھی ساون کے سر جائے گی
بیاباں میں ناظرؔ تڑپتا ہے دل
کہ سعیِ فغاں بے اثر جائے گی
٭٭٭
سمندر کو نہ ہو محسوس جب ساحل کی بے چینی
کسی سے کیا بتائے کوئی اپنے دل کی بے چینی
کسی دن رنگ لائے گی محبت کارواں والو
اِدھر ہے اپنی بے تابی اُدھر منزل کی بے چینی
مغنی کے لبوں کو سی دیا تھا کس کے جادو نے
زمانہ دیکھتا ہی رہ گیا سائل کی بے چینی
کبھی عزلت نشیں ہو اور کبھی مائل بہ احساں ہو
ہمارے سامنے ہے کس قدر مشکل کی بے چینی
خدارا اک نظر میرے دلِ مجروح کی جانب
اگر دیکھی نہ ہو تم نے کسی بسمل کی بے چینی
اسی اک فلسفہ نے جان ڈالی مجھ سے مردہ میں
کہ رمزِ زندگی ہے صرف آب و گِل کی بے چینی
چراغوں کا ا جالا ہے نہ انوارِ مہِ تاباں
سمجھ لیتا ہے ناظرؔ خود بخود محفل کی بے چینی
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)