افسانے، ناول و کہانیاں

کوہِ ندا

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (27,094 الفاظ)

کوہِ ندا ( افسانوی مجموعہ)

عوض سعید

کوہِ ندا

غالباً دو جسموں کی خواہش نے اُسے جنم دے تھا، تب ہی تو وہ ایک ایسا پتھر تھا جسے کسی بھی دیوار میں فٹ نہیں کیا گیا۔ وہ ملبے میں پڑ ی ہوئی ٹیڑھی میڑھی اینٹوں کو اپنے ہاتھ میں لے کر بڑی دیر تک سونگھتا رہا، اچانک اُس کے کانوں نے ایک کریہہ آواز سنی۔
’’ ابے مردود کیا اپنے ساتھ اینٹ اور پتھر بھی لے جائے گا۔ ‘‘
لیکن آج تک اُس نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ اسے یہاں سے کیا لے جانا چاہیے۔
وہ بغیر کسی ردّ عمل کے آگے بڑھ گیا، وہ اپنے گھر سے کب بھاگا تھا، اس کا دراصل گھر تھا بھی یا نہیں اسے کچھ یاد نہیں تھا، اُسے یہ بھی یاد نہیں تھا کہ اس کا باپ کون ہے اور اس کی ماں کون ؟
اگر وہ کسی کا بیٹا ہے تو وہ پھر باپ کیوں نہیں ہو سکتا۔ سوچ کے اس زینے پر پہنچ کر وہ چپ ہو گیا۔ سامنے ایک مریل کتے کو گزرتے ہوئے اس نے دیکھا،اس نے جب پیار سے سیٹی بجائی تو وہ دم ہلاتا ہوا اس کے پاؤں کے قریب آ کر کھڑا ہو گیا، اسے لگا جیسے وہی اس کا بیٹا ہو لیکن وہ تو دھوبی کا کتا تھا، گھر کا نہ گھاٹ کا۔ اور اسے غالباً ایسے ہی کتے کی تلاش تھی۔ قبل اس کے کہ وہ آگے بڑھ کر اسے چومتا میونسپلٹی کے جوانوں نے دیکھتے ہی دیکھتے اس کے گلے میں پھندا لگا دیا اور وہ دھیرے دھیرے قدم ناپتا بازار کے ہنگاموں میں کھو گیا۔ سڑک پر چلنے والے ہر دوسرے آدمی کو رک کر اس نے پوچھا۔ بابا جی، ایسی بھی کیا جلدی۔ ماں جی کہاں جا رہی ہیں آپ۔ بہن جی۔ لیکن کسی نے اس کی طرف توجہ نہیں دی۔
ان کے ہونٹ سلے ہوئے تھے ، لیکن منجمد آنکھوں کے گونگے اشاروں سے ظاہر ہو رہا تھا کہ وہ زمین پر اس لیے نہیں پھینکے گئے کہ مسئلوں میں الجھیں ، وہ مایوس ہو کر اس بک اسٹال پر آ کر کھڑا ہو گیا جہاں لو گ کافی تعداد میں کھڑے اخبار پڑ ھ رہے تھے۔ ا ن میں کثیر تعداد ان نوجوانوں کی تھی جو بڑی شتابی سے صرف اخبار کی سرخیاں پڑ ھ رہے تھے جیسے وہ شب و روز کی زندہ تصویر دیکھ رہے ہوں۔
سرخیاں
اخبار کی پڑ ھ لو
آج
اتنا ہی کافی ہے
کون متن کا زہر پیے گا
کس کو اتنی فرصت ہے
یہ تو روز کا رونا ٹھہرا
اس نے سوچا کتاب اور اخبار کی پیشانیوں پر وہی کچھ لکھا ہو گا جو ان چہروں پر پہلے ہی سے ثبت ہے۔ پھر یہ لوگ اخبار کیوں پڑ ھ رہے ہیں۔۔۔ ؟ کیا وہ بھی ان ہی میں سے ایک ہے ؟اس خیال کے آتے ہی وہ اپنے چہرے کو ہاتھوں سے نوچنے لگا، اسے ایسا کرتے ہوئے کسی قسم کی لذت محسوس نہیں ہوئی اس لیے کہ اب وہ خود لذتی کی لذت آشنائی سے کوسوں دور تھا۔
چلتے چلتے اُسے سامنے ایک ہوٹل دکھائی دیا، اس کا جی چاہا کیوں نہ یہاں چائے پی لی جائے۔ چنانچہ وہ ہوٹل میں داخل ہوا، بیرے نے چائے کے ساتھ اس کے سامنے اخبار بھی لا کر رکھ دیا۔
مجھے اخبار نہیں چاہیے ، اس نے بیزار لہجے میں بیرے سے کہا۔
’’ اخبار پڑھنے ہی کے لیے تو لوگ ہوٹل آتے ہیں۔ ‘‘ بیرے نے اس طرح کہا جیسے چائے کے ساتھ اخبار پڑھوانا بھی اس کے فرائض میں داخل ہو۔
’’ میں اخبار نہیں پڑھتا۔ ‘‘
بیرے کی سمجھ میں شاید یہ بات آ گئی، اس لیے وہ دوسرے گاہکوں کی طرف متوجہ ہو گیا۔
چائے پی کر جب وہ ہوٹل سے باہر آیا تو سڑک پر لوگوں کا کافی اژدحام تھا، آج سے کوئی پندرہ بیس برس پہلے جب وہ اس سڑک سے گزرتا تھا تو اسے بڑی ویرانی کا احساس ہوتا تھا، اب جگہ جگہ اسے نئی عمارتیں دکھائی دے رہی تھیں ، وہ چھوٹی چھوٹی دکانیں پتہ نہیں کہاں گم ہو گئی تھیں۔ ہو سکتا ہے ان ہی چھوٹی چھوٹی دکانوں نے اب بڑی دکانوں کا روپ دھار لیا ہو۔
ارے بھئی یہاں اتنے ڈھیر سارے لوگ کیوں جمع ہو گئے ہیں ؟ ‘‘
اس نے ہجوم میں گھرے ہوئے ایک آدمی کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا۔ اماں دیکھ نہیں رہے ہو یار، دو بچوں میں زور دار مکے بازی ہو رہی ہے۔ میں نے بھی شرط لگا دی ہے کہ گڈو ہی کامیاب ہو گا اور وہ کالا لونڈا پسپا ہو کر بھاگ کھڑا ہو گا، تمہارا کیا خیال ہے ؟
مگر وہ اپنا خیال ظاہر کیے بغیر آگے بڑھ گیا،شہر کی لمبی چوڑی سڑکیں دیر گئے تک اس کا تعاقب کرتی رہیں۔
پھر اُس نے ایک اور ہجوم کو دیکھا،اس ہجوم میں بچے ، بوڑھے اور جوان سب ہی شامل تھے۔ اس نے سوچا کیا بات ہے آج ہر جگہ ہجوم اور اژدحام کیوں ہے ؟اب وہ بھی اس ہجوم میں شامل ہو گیا تھا۔
’’ پھر کیا ہو گیا بھائی ‘‘ اس نے ایک نوجوان سے پوچھا۔
’’ پتا نہیں ، سنا ہے ایک نوجوان نے کسی سے ماچس طلب کی تو اس نے کہا : ’’سگریٹ پینے کا اتنا ہی شوق ہے تو ماچس کیوں نہیں رکھتے ؟ ‘‘
ماچس مانگنے والے نے اس کے سوال کا جواب دینے کے بجائے اسے گالی دے دی اور تکرار کے بعد ماچس نہ ملنے پر اس آدمی نے نوجوان کے پیٹ میں چاقو گھونپ دیا۔ خون دیکھ رہے ہو کتنا کچھ بہہ گیا ہے ، شاید وہ ہسپتال میں اب تک مر بھی گیا ہو، اگر اس نے ماچس دے دی ہوتی تو یوں جان تو نہ جاتی۔ ‘‘
وہ اچانک ہجوم سے نکل کر باہر آ گیا، ا س کا جی چاہا کہ یہ شہر بھی ہمیشہ کے لیے چھوڑ دے ، مگر وہ اس طرح کتنے شہر چھوڑتا رہے گا ذرا سی بات کا بتنگڑ بنا کر یہ لوگ کیوں فساد برپا کرتے ہیں ؟ اس سوال کا جواب خود اس کے پاس نہیں تھا مگر سب لوگ ایسے تھوڑے ہی ہوتے ہیں۔ یہ طمانیت اس کے لیے کافی تھی اور وہ اسی اطمینان کے سہارے جی رہا تھا۔
وہ سڑک سے گزرتا ہوا جب چورا ہے پر آیا تو ا س کے کانوں میں ایک آواز گونجی۔
’’یہ بچہ کس کا ہے ؟ اس بچے کا رونا مجھ سے دیکھا نہیں جاتا۔ ‘‘ بوڑھا مسلسل کہہ جا رہا تھا، بچہ واقعی پھوٹ پھوٹ کر رو رہا تھا اور لوگ بوڑھے کی آواز سن کر بھی اپنی لا تعلقی کا اظہار کر رہے تھے۔
’’ اب بچے کو پولیس ٹاؤن لے جانا ہی پڑ ے گا۔ ‘‘ بوڑھے نے بڑی مایوسی سے کہا۔ اس نے سوچا اس کا باپ بھی اسے اسی طرح سڑک پر پھینک کر آگے بڑھ گیا ہو گا۔
ایک آدمی جب اپنے بچے کو سڑک پر پھینک کر غائب ہو جاتا ہے تو دوسرا آدمی اسی بچے کو پیار سے اٹھا لیتا ہے۔ آدمی بھی عجیب شے ہے ، شاید اسی لیے اسے آسمان کی بلندی سے نیچے پھینکا گیا،وہ یوں ہی چلتا رہے۔
کوئی تو اس آواز دے کر پکارے ، وہ کون ہے ، اس کا باپ کون تھا، اس کی ماں اسے جنم دے کر اچانک کہاں غائب ہو گئی،کیا شخصیت اور ذات کی پہچان کے لیے باپ کا نام ضروری ہے۔ اگر ضروری نہیں تو اس قدر بے چین اور افسردہ کیوں ہے ؟ کیا وہ اندر سے بالکل ٹوٹا ہوا ہے ؟ ‘‘ وہ مسلسل چلتا رہا، چلتا رہا۔ اب بے پناہ تھکن سے اسے راستے سمجھ میں نہیں آ رہے تھے ، شہر نے اپنے منہ پر خاموشی کی ایک دبیز چادر تان رکھی تھی۔ آدمی جب جاگتا ہے تو شہر نیند کی وادیوں میں چلا جاتا ہے اور جب شہر جاگتا ہے تو آدمی سو جاتا ہے۔
اسے یوں لگا جیسے وہ صدیوں پرانی کہانی کا وہ مسافر ہے جو شہر شہر، قریہ قریہ گھومتا ہوا ایک ایسے شہر میں داخل ہوا تھا جہاں سب چیزیں تو تھیں سوائے آدمی کے۔
پرانے تاریخی قلعے سے لگا ہوا وہ مہیب پہاڑ اسے اب صاف دکھائی دے رہا تھا۔
سیاحوں کے گلے میں کیمرے لٹکے ہوئے تھے ، لوگ حال سے نکل کر ماضی کی درخشاں تاریخ کا ورد کرتے ہوئے اپنے آبا ء اجداد کے کارناموں کو سراہ رہے تھے۔
یہاں بھی کافی ہجوم تھا، لڑکیاں ، بچے ، بوڑھے ، نوجوان سب ہی تھے۔ اسے گمان گزرا یہی وہ پہاڑ ہے اور اسی پل صراط پر سے اسے گزرنا ہے۔ بس’’ کوہِ ندا‘‘ سے بلاوہ آنے کی دیر ہے۔ اب اپنے شب و روز کا حساب چکاتے تھک سا گیا تھا۔ آگے سامان بڑھ کر وہ بھی اس ہجوم میں شامل ہو گیا۔
پھر اچانک اس نے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی۔
’’کوہِ ندا۔۔۔ ‘‘ ا س نے سرپٹ بھاگنا شروع کر دیا، لیکن تھوڑی دور جانے کے بعد وہ نڈھال ہو کر نیچے گر پڑ ا۔ اب سیاحوں کے مو وی کیمرے میں وہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند ہو چکا تھا !
٭٭٭

ایک زہریلی کہانی

اس نے ابھی گھرکی دہلیز پر قدم رکھا ہی تھا کہ اس کی بیوی نے گھبراہٹ بھرے لہجے میں کہا۔ آج مْنّا گھر سے غائب ہو گیا ہے۔
اسے یقین تھا کہ اس خبر کو سننے کے بعد اس کا شوہر اسے کافی ڈانٹ پلائے گا، کم از کم الٹے پاؤں ہی گھر سے اسے ڈھونڈنے کے لیے نکل پڑ ے گا، مگر خلافِ توقع وہ بڑے اطمینان سے گھر میں داخل ہوا، منہ ہاتھ دھونے کے بعد کپڑے تبدیل کیے اور اپنی بیوی سے چائے کی ایک پیالی کی فرمائش کی، اس دوران اس کی بیوی نے جو کچھ کہا وہ اسے محض سنتا رہا۔
اپنے شوہر کو اطمینان سے چائے پیتا ہوا دیکھ کر اسے حیرانی ہوئی،یہ حیرانی اس وقت اور بڑھ گئی جب اس نے دیکھا کہ اس کا شوہر چائے پینے کے بعد اخبار بینی میں مصروف ہو گیا ہے۔ اسے ایک ثانیے کے لیے یہ سب کچھ عجیب سا لگا، اسے یقین نہیں آ رہا تھا کہ یہ آدمی اس کا شوہر بھی ہو سکتا ہے۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ اس خبر کو سننے کے بعد اس نے اپنا ذہنی توازن کھو دیا ہو، یا وہ یہ بھی سمجھ رہا ہو کہ مْنّا ادھر ادھر بھٹک کر کسی طرح گھر آ جائے گا۔ وہ سوچ کی گہرائیوں میں ڈوبی اپنے آپ کو ایک ایسی بے بس عورت سمجھ رہی تھی جس کا آخری سہارا بھی ٹوٹ چکا ہو۔
اچانک کسی نے اس کے گھر پر دستک دی۔
’ ’ باہر کوئی آواز دے رہا ہے۔ ‘‘ اس کی بیوی نے اپنے شوہر سے مخاطب ہو کر کہا جو اخبار پڑھنے میں کچھ اتنا منہمک تھا کہ اسے اپنی بیوی کی آواز بھی اب پرائی سی لگ رہی تھی۔
’’ ہو سکتا ہے کوئی مْنّے کو لے آیا ہو یا خود مْنّے نے گھر پر دستک دی ہو۔ ‘‘
’ ’ اپنے گھر پر خود مْنّا دستک دے ، کیا کہہ رہی ہو۔ مْنّا اگر ہوتا تو دروازے ہی میں سے چیخ اٹھتا۔ ’ ’ دروازہ کھولیے۔ ‘‘
اس نے اطمینان سے اٹھ کر دروازہ کھولا۔
’’ ارے الطاف تم۔۔۔ ؟ ‘‘ اس نے خوشی سے بوکھلاتے ہوئے کہا۔
’’ کب آئے۔ ‘‘
’’ آج ہی۔ ‘‘
’’ اندر آ جاؤ یار ‘‘
اس کی بیوی نے دروازے میں سے جھانک کر دیکھا۔ ’’ اس کم بخت کو بھی آج ہی آنا تھا، اب پھر چائے کا دور چلے گا۔ ’’ اور ہوا بھی وہی، اس نے چائے کے لیے ہانک لگائی، اس کی بیوی نے چائے کی کیتلی کو بڑی بیزاری سے چولھے پر رکھا اور وہیں سوچتی ہوئی کھڑی ہو گئی۔
چائے کی پیالیوں کی آواز سن کر اس کے شوہر نے اندر باورچی خانے میں آ کر کہا۔ ’ ’ رات کے کھانے پر میں اسے روک رہا ہوں ، دو ایک ڈھنگ کے سالن تیار کر لینا۔ ‘‘
اس کی بیوی نے زہر آلود نگاہوں سے اس کی طرف دیکھا،مگر وہ کچھ کہہ بغیر چائے کی کشتی ہاتھ میں تھامے ڈرائنگ روم میں آ کر اپنے ساتھی سے گپیں ہانکنے لگا۔
’ ’ بڑی عمدہ چائے بنائی ہے بھابی نے۔ ‘‘ اس کا ساتھی کہہ رہا تھا۔
’’ شاید نشانہ غلط لگ گیا ورنہ ایک آنچ کی کسر ہمیشہ باقی رہتی ہے ، ایسا لگتا ہے کینٹین کی گاڑھی اور بد مزہ چائے پیتے پیتے تمھارے منہ کا مزہ بدل گیا۔ ‘‘
وہ یہ سب باتیں سن رہی تھی، اس کا سارا دھیان مْنّے ہی کی طرف تھا، وہ سوچ رہی تھی اُس کا شوہر کتنا بے حس ہے ، اپنے ساتھی کو رات کے کھانے کی دعوت دے رہا ہے ، جب کہ مْنّا۔۔۔
وہ سسکیاں بھر کر رونے لگی۔
’’ میں نے ابھی ابھی کسی کے رونے کی آواز سنی، بھابی تو ٹھیک ہے نا۔ ‘‘
اُس کا ساتھی کہہ رہا تھا۔
’ بالکل ٹھیک ہے۔ ‘‘
’’ اور مْنّا ۔۔۔ ؟‘‘
’’ ہٹاؤ یار مْنّے کے ذکر کو، بات چیت کے لیے کوئی اور موضوع نہیں ہے تمھارے پاس۔ ‘‘ ا سے امید نہیں تھی کہ اس کا ساتھی بے اعتنائی کی اس سطح پر اتر آئے گا، اب اس کی باتوں میں وہ گرمی نہ تھی، پھر بھی وہ ایسے تیسے باتیں کیے جا رہا تھا لیکن اس کا سارا دھیان بٹا ہوا تھا۔
’ ’ بے حس آدمی مرتا بھی تو نہیں۔۔۔ ‘‘ اندر سے ایک غصیلی آواز ابھری، وہ سمجھ گیا کہ معاملہ کچھ دیگر ہے ، وہ اپنے ایک قریبی یار سے چھپا رہا ہے۔ یہ آواز بھابی کے علاوہ کس کی ہو سکتی ہے ،مگر وہ تو اس کے سامنے بیٹھا باتیں کر رہا ہے ، آخر یہ کس قماش کا آدمی ہے ، نہ اسے اپنی بیوی سے پیار ہے اور نہ بچے سے ، وہ پہلے تو ایسا نہ تھا، کہیں ایسا تو نہیں آج اس نے بیوی سے لڑائی کی ہو یا بچے کو کافی پیٹا ہو۔
’’ تمھیں آج رات کا کھانا میرے ساتھ کھانا ہو گا۔ ‘‘ وہ اپنے ساتھی سے اس طرح کہہ رہا تھا جیسے وہ کھائے بغیر چلا جائے گا تو وہ بھوکا رہ جائے گا۔
اُس نے حامی بھر لی تو وہ خوش ہو گیا۔
’’ مگر بھابی کو خواہ مخواہ تکلیف ہو گی۔ ‘‘
’’ عورت تکلیف اٹھانے کے لیے ہی پیدا ہوئی ہے۔ ‘‘
یہ جواب بھی اس کے لیے کچھ غیر متوقع تھا۔
’’ لیکن یہ ممکن نہیں کہ بھابی بھی ہمارے ساتھ کھانے میں شریک ہوں ؟ ‘‘
’’ تمھاری بھابی نے سب سے ملنا ترک کر دیا ہے ، وہ کھانے پر نہیں آئے گی۔ ‘‘اب اسے یقین ہو چلا تھا کہ وہ فرحت و طمانیت اٹھ چکی ہے جو کبھی اس نے اس گھر میں دیکھی تھی۔
دفعتاً اندر سے کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا۔
’’ شاید کھانا تیار ہو گیا ہے ، یہ کھانے کی تیاری کا الارم ہو سکتا ہے۔ ‘‘
وہ اندر چلا گیا۔
’’ کھانا تو تیار کر دیا ہے ، مگر مْنّے کو بھی ضرور بلوا لینا، پتہ نہیں وہ کہاں بھوکا مر رہا ہو گا۔ ‘‘ یہ اس کی بیوی کی آواز تھی۔
جب وہ کھانے کی کشتی لے کر اندر آیا تو کچھ بجھا سا لگ رہا تھا، ابھی اس نے ٹیبل پر کھانا چنا ہی تھا کہ اس کے کانوں سے پھر ایک بار آواز ٹکرائی۔۔۔
’’ بے حس آدمی مرتا بھی نہیں۔ ‘‘
’’ کیا تم بتا سکتے ہو کہ وہ بے حس آدمی کون ہے جو مرتا بھی نہیں ، کہیں وہ میں تو نہیں ہوں۔ ‘‘
’’ مگر بھابی۔۔۔ !!‘‘
’’ ہاں جب سے مْنّا مرا ہے وہ اسی طرح باتیں کرتی ہے۔ !‘‘
٭٭٭

شال

’’یار کیسے آدمی کو ہم نے کھو دیا، اب ایسی ٹھکی ٹھکائی طرح دار گالیاں ہمیں کون دے گا ؟‘‘
دوسرے ساتھی نے جو اس کے برابر ہی کھڑا تھا، کندھوں پر جھولتی ہوئی شال کو جسم پر لپیٹتے ہوئے کہا۔
’ ’ یہ شال دس ہزار گالیاں دینے کے بعد اس نے مجھے تحفتاً دی تھی، جب تک یہ شال میرے جسم سے چمٹی رہے گی وہ مجھے یاد آتا رہے گا۔ ‘‘
’’ عجیب بات ہے اس نے مجھے گالیاں دی، حالاں کہ تمھاری طرح وہ بھی میرا یار تھا۔۔۔ ‘‘
’ ’ یہی تو ٹریجڈی ہے تمھاری۔۔۔ ‘‘
ویران قبرستان کی دم گھٹا دینے والی فضا سے نکل کر وہ اب ریستوران میں بیٹھے ہوئے چائے کی چسکیاں لیتے ہوئے اپنا غم غلط کر رہے تھے ، کیونکہ باہر جا کر اپنا غم غلط کرنے کے لیے ان کے پاس پیسے نہیں تھے۔ ان کی سیٹ کے برابر ہی ایک ادھیڑ عمر کا آدمی بظاہر چپ چاپ بیٹھا تھا لیکن اس کی توجہ کا مرکز مرنے والے کے وہ تینوں ساتھی تھے جو چائے کی پیالیوں میں اپنے چہروں کو پڑ ھ رہے تھے۔
’ ’ تمھیں یاد ہے اسی ٹیبل پر میری اس کی شدید لڑائی ہوئی تھی، کتنی گالیاں دی تھیں اس نے مجھے ، یہاں تک کہ ا س کے دونوں ہاتھ میرے گلے پر۔۔۔ ‘‘
’’ یار یہ وقت نہیں ہے ان باتوں کو دہرانے کا وہ تو اب ہم میں نہیں رہا، ایک دن ہم بھی نہیں رہیں گے۔‘‘
’’ نہیں یار ! اسے سب کچھ کہنے دو، گلے میں پھنسی ہوئی باتیں اگر وہ نہیں اگلے گا تو مر جائے گا، کم از کم اسے کچھ اور دن زندہ رہنے دو، ہم تو سمندر میں پھینکی ہوئی وہ بادبانی کشتیاں ہیں جو ہوا کے اشارے پر چلتی ہیں ، ہمارا کوئی ملاح نہیں ہے۔ اسے کہنے دو یار، اس کا گلا نہ گھونٹو۔ ‘‘
مگر وہ کچھ کہنے کے بجائے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔ روتے ہوئے وہ کچھ عجیب سا لگا رہا تھا۔
’’ بھانڈ سالا۔۔۔ ‘‘
’’ سن رہے ہو، بوڑھے نے ابھی ابھی کیا کہا۔۔۔ ‘‘
’’ میں نے سن لیا ہے اگر وہ آج ہماری محفل میں ہوتا تو اس کا گلا گھونٹ دیا ہوتا یا اس کی پیٹھ تھپتھپا کر کہتا۔ جیو مرے لعل۔۔۔ ‘‘
مگر وہ ابھی تک رو رہا تھا۔ بوڑھے کی جگہ اب خالی ہو چکی تھی،اس کی جگہ ایک کالا بھجنگ گھنگھریالے بال والا نیگرو بیٹھا کافی پی رہا تھا۔ ٹیبل پر رکھی ہوئی دودھیا چینی کی پلیٹ پر کاغذ کا ایک پرزہ رکھا ہوا تھا جس پر Paid کی مہر ثبت تھی۔
’’ یہ بل ہم نے تو Pay نہیں کیا۔۔۔ ‘‘
’’ کیا تم نے بل Pay کیا۔۔۔ ؟‘‘
’’ نہیں۔۔۔ ‘‘
’’ اس پر تو Paid لکھا ہوا ہے۔ ‘‘
’’ کبھی کبھی ادھار مانگی ہوئی زندگی کے چہرے پر کوئی منچلا Paid لکھ دے تو ہمیں شرمسار نہیں ہونا چاہیے۔ ندامت کا بار اٹھانے کے لیے ساری زندگی پڑ ی ہے مگر پھر بھی یہ جاننا ضروری ہے کہ بل کس نے ادا کیا ہے ؟‘‘
’’ بیرا۔ ‘‘
’’ بیرے کو بلانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ‘‘
وہ تینوں معاً ہوٹل سے اٹھ کر باہر آ گئے ، ان تینوں میں سے کسی نے کہا : ’’ کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم میں سے کوئی کہیں سے پچاس روپے ادھار لائے ، اگر آج نہیں پی جائے تو سمجھ لو مر گئے۔ ‘‘
’’ پچاس روپے۔۔۔ ؟ اتنی بڑی رقم اس وقت بھلا کون دے گا ؟ سراج کو میٹرو میں دیکھ لیں گے ورنہ شراب کی جگہ اپنا خون ہی پی لیں گے۔ سراج نے تو کئی دنوں سے صورت ہی نہیں دکھائی ہے ، ایسا لگتا ہے کہ اس کی موت سے کہیں زیادہ ہمارے ذہن پر شراب کی دھن سوار ہے۔ قصہ دراصل یہ ہے کہ اندرونی طور پر ہم سب موت کے بد صورت پرندے سے خائف ہیں ، نہ جانے کب وہ پر پھیلائے اپنی نوکیلی چونچ ہمارے جسم میں داخل کر دے۔ ‘‘
وہ اب خاموش چل رہے تھے ، کچھ گھبرائے گھبرائے سے ، یہ خاموشی بے معنی نہیں تھی، اس خاموشی میں کئی معنیٰ پنہاں تھے۔
سڑک کے کنارے کھڑی ہوئی اونچی اونچی عمارتوں کے سامنے سے گزرتے ہوئے وہ
’’ لو میٹرو آ گیا۔۔۔ ‘‘
’’ اتنی جلد۔۔۔ ‘‘ بہ یک وقت دونوں ساتھیوں نے حیرانی سے کہا۔
انھیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ وہ اب میٹرو کے سینے پر کھڑے ہیں ، لان میں بچھی ہوئی کرسیوں پر چند نوجوان بیٹھے گلاسوں میں شراب انڈیل رہے تھے ، جو پی چکے تھے وہ خلا میں بکھری ہوئی یادوں کو یکجا کرنے کی سعی لا حاصل میں گرفتار تھے ، بعض لوگ اس انتظار میں تھے کہ ویٹر آئے اور کاک اڑے۔
جب بھانت بھانت کے عجیب و غریب چہرے ہر طرف پھیلے ہوئے ہوں اور روشنی مدھم ہو تو بسا اوقات اپنی شناخت بھی مشکل ہو جاتی ہے۔ اب اس ہجوم میں سراج کو پانا ایسا ہی تھا جیسے کوئی آسمان کی پنہائیوں میں اڑتے ہوئے پرندے کو ا چک کر پکڑ لے۔
خوشی اور حقارت کے ملے جلے جذبات کے ساتھ پلیٹوں میں رکھے ہوئے کاغذ کے پرزوں پر ٹپ کی شکل میں رکھے ہوئے پیسوں کے تھوک کو بیرے چاٹ رہے تھے مگر ابھی تک وہ پیاسے تھے۔
کیبن کے دروازے بند تھے ، صرف لوگوں کے پاؤں میں دھنسے ہوئے جوتے نظر آ رہے تھے یا ڈھیلے ڈھالے پتلونوں میں چھپی ہوئی دبلی پتلی موٹی بھدی ٹانگیں۔
’’ اب صرف ایک ہی کیبن باقی رہا گیا ہے اگر وہ وہاں بھی نہ ملے تو۔۔۔ ‘‘
’’ کوئی دوسرا بار۔۔۔ ‘‘
’’ تیسرا۔۔۔ ‘‘
’’ چوتھا۔۔۔ !!‘‘
’’ ارے مرے پاؤں تلے کوئی چیز دب کر رہ گئی ہے۔ ‘‘ پہلے ساتھی نے گھبرا کر کہا۔
’’ کچھ بھی تو نہیں ، فرش ہے جس پر ہم چل رہے ہیں۔ ‘‘
’’ وہ دیکھو کیبن کے نچلے حصے سے اس کی شال دکھائی دے رہی ہے ، سلیٹی رنگ والی شال۔ ‘‘
’’ کیا کہہ رہے ہو سلیٹی شال تو میرے جسم سے چمٹی ہوئی ہے ، کیا تم لوگ اندھے ہو گئے ہو۔ ‘‘
وہ کچھ جواب دئیے بغیر اسے تنہا چھوڑ ۔۔کر آگے بڑھ گئے ، چند لمحوں کی خاموشی کے بعد ایک نے دوسرے سے پوچھا۔
’’ وہ جو ابھی ہمارے ساتھ تھا وہ کہاں گیا ؟‘‘
’’ کون تھا ساتھ ہمارے۔۔۔ ؟‘‘
’’ دیکھو کیبن کے نچلے حصے میں اس کی شال بدستور ڈول رہی ہے ، پتہ نہیں مجھے کیوں ڈر لگ رہا ہے۔ ‘‘
’’ کم و بیش میں بھی۔ ‘‘
ایک انجانے ڈر میں لپٹے ہوئے وہ کسی طرح کیبن میں داخل ہو گئے۔
’’ کچھ پیو گے ؟‘‘۔۔۔ جب پینا ہی نہ ٹھیرا تو جھک مارنے کے لیے بار آئے ہو ؟ ‘‘ جواب نہ ملنے پر وہ غرایا۔
لیکن وہ چپ تھے ، بالکل گم سم۔
’’ حرام زادو ! آج اچانک گونگے کیوں ہو گئے ہو ؟ کچھ تو بولو، مجھے تو تمھیں وہ حادثہ سنانا ہے جو اتنا عجیب اور انوکھا ہے کہ میں اس تعلق سے سوچتے ہوئے تقریباً ریزہ ریزہ ہو چکا ہوں۔ میں اس شکست و ریخت میں بھی اپنی ذات کے چند پرزے بچا لایا ہوں ، یہ پرزے بھی میرے نہیں رہے۔ کل میں اخبار پڑ ھ رہا تھا، اچانک ایک خبر پر میری نظریں جم کر رہ گئیں ،ایک نامعلوم نوجوان سلیٹی رنگ کی گرم اونی شال میں لپٹا ہوا سڑک عبور کر رہا تھا، اچانک اس نے سینے میں سخت تکلیف کی شکایت کی اور طبی امداد ملنے سے پہلے ہی مرگیا۔ نعش مردہ خانے میں شناخت کے لیے رکھی گئی ہے۔ میں کل سے اب تک مارا مارا پھر رہا ہوں تاکہ خود اپنی نعش کی شناخت کر سکوں ، میں اپنے وجود کی کرچیوں کو جمع کرتے کرتے اب لہو لہان ہو چکا ہوں۔ ‘‘
حرام زادو ! کیا یہاں میری نعش کو چبانے آئے ہو، میں تمھیں ابھی۔۔۔ ‘ یہ کہہ کر وہ دیوانگی کے عالم میں اپنے ساتھی پر جھپٹ پڑ ا۔
اب وہ اپنی پوری قوت کے ساتھ اس کا گلا دبا رہا تھا۔
’’مجھے چھوڑ۔۔۔ دو۔۔۔ مجھے چھوڑ دو۔۔۔ ‘ آواز آہستہ آہستہ ڈوبتی گئی۔
مگر وہ بدستور اس کا گلا دباتا رہا، یہاں تک کہ وہ فرش پر ڈھیر ہو کر رہ گیا، اب اس کے حلق سے عجیب و غریب آواز نکل رہی تھی، ایسا لگتا تھا جیسے وہ چند منٹ کا مہمان ہو۔
وہ تھوڑی دیر ٹکر ٹکر مرنے والے کو دیکھتا رہا، پھر اچانک پلٹ کر اس نے اپنے ساتھی سے پوچھا۔ ’’ یار میری شال کہاں گم ہو گئی ! ‘‘
٭٭٭

جونک

بہت بری خبر ہے۔ ‘‘ سلیم نے ڈرائنگ روم میں اچانک داخل ہوتے ہوئے کہا۔
کبھی تم نے اچھی خبر بھی سنائی ہے۔ ‘‘
سنو شوکت کی بیوی نے زہر کھا لیا ہے۔ بچنے کی کوئی امید نہیں۔ ‘‘
وہ کرسی پر چپ چاپ بیٹھا رہا۔ جیسے سلیم کی بات اس نے سنی ہی نہ ہو۔
سن رہے ہو میں کیا کہہ رہا ہوں۔ ؟ ‘‘
میں نے خبر سن لی ہے اب تم جا سکتے ہو۔ ‘‘
سلیم ہکا بکا اُسے بڑی دیر تک دیکھتا رہا۔
مجھے اس طرح کیوں دیکھ رہے ہو۔ اُسے زہر کھانا ہی چاہیے تھا۔ ‘‘
مگر کیوں ؟ شوکت تو اُسے بہت چاہتا تھا۔ ‘‘
صرف چاہنے سے کیا ہوتا ہے۔ تم یہ بات نہ سمجھ سکو گے۔ مجھے بور نہ کرو۔ ‘‘
یہ کہہ کر وہ چپ ہو گیا۔
سلیم تھوڑی دیر یوں ہی کھڑا رہا۔ پھر غصے سے پیچ و تاب کھاتا ہوا باہر چلا گیا۔ جب سلیم چلا گیا تو اس نے اطمینان کا سانس لیا۔ تپائی پر دھرے ہوئے سگریٹ کیس سے گولڈ فلیک کی ایک سگریٹ نکالی اور ایک لمبا کش لے کر سوچنے لگا۔ ’’ یہ سلیم سالا ایسی خبریں سنانے سے پہلے مرتا کیوں نہیں۔
مگر یہ شام آج اسے دھواں دھواں سی کیوں لگ رہی ہے۔ اُسے یہ کیوں احساس ہو رہا ہے جیسے افروز کے بجائے اُس نے زہر پی لیا ہے۔
کم بخت نے سارا مزہ کرکرا کر دیا۔ رضا کی پارٹی بھی گئی۔ کتنے دنوں کے بعد جانی وا کر پینے کو مل رہی تھی۔ مگر یہ کیا ٹیلی فون بوتھ کی طرف اس کے قدم کیوں اٹھ رہے ہیں۔ آخر یہ چمکیلے شیشوں والا بوتھ کا دروازہ کس نے بھیڑ لیا ہے۔
پُٹ می آن ٹو جنرل ہاسپٹل پلیز
ہیلو۔ کیا مسز شوکت۔ ‘‘
ہاں وہ بچ نہ سکیں۔ ‘‘
وہ کب گھر لوٹا۔ کہاں کہاں کی خاک چھانی، اُسے کچھ بھی یاد نہ تھا۔
دوسری صبح جب سلیم پھر آ دھمکا تو اسے احساس ہوا جیسے وہ اسے مار کر ہی دم لے گا۔
تم جانتے ہو۔ میں ہائپر ٹینشن کا مریض ہوں۔ ‘‘
ہاں یہ تو عام بیماری ہے۔ ‘‘
خاص بیماری کیا ہوتی ہے۔ ‘‘
شخصیت سے فرار۔۔۔۔ ‘‘
یہ بھی کوئی بیماری ہے۔۔ ‘‘؟
بیماری نہیں مرض۔۔ بہت پیارا اور خوبصورت جس نے تمھیں جکڑ رکھا ہے۔
تم مسز شوکت کی موت پر آزردہ ہو۔ میرے لیے یہی کافی ہے۔ ‘‘
کیا بک رہے ہو۔ ؟ ‘‘
مگر سلیم کوئی جواب دئیے بغیر چلا گیا۔
یہ مردود جب بھی آتا ہے اس کا بی پی بڑھ جاتا ہے۔ سالا مرتا بھی تو نہیں۔
جب وہ ایک طویل عرصے تک اس سے ملنے نہیں آیا تو اس نے پھر ایک بار اطمینان کا سانس لیا۔ پھر کسی نے اُسے بتایا کہ وہ یہ شہر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چھوڑ چکا ہے۔ اُسے بھی یقین ہو گیا۔ جو آدمی دید کا بار اٹھانے کے لیے روز اُس کے گھر آتا ہو اگر وہ تین برس کی لمبی مدت تک نہ آئے تو اس کا یوں مطمئن ہو جانا واجبی ہی تھا، لیکن اس کی خوشی پر پانی پھیر نے کے لیے ایک دن پھر اُس نے اُس کے گھر دستک دی۔
وہ ان تین برسوں میں ذرا بھی بدلا نہ تھا۔ ایسا لگتا تھا جیسے ماہ و سال کا اس پر ذرا بھی اثر نہ ہوا۔
آتے ہی اُس نے حسبِ عادت طنز آمیز لہجے میں کہا۔
حیرت ہے کہ تم ابھی تک زندہ ہو۔۔ ‘‘
کیا مطلب ؟‘‘ مطلب یہ کہ تمھیں اب تک مر جانا چاہیے تھا۔
تم میری جان کے پیچھے کیوں پڑ گئے ہو۔ مرنا اگر میرے ہاتھ میں ہوتا تو پہلے میں تمھیں مارکر مرگیا ہوتا۔ ‘‘
مجھے مارنے سے تمھارا مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ کیونکہ میری پیدائش خود میرے لیے ایک حادثہ ہے۔ ‘‘
ٹھیک ہے لیکن تمھارے گنا ہوں کا کفّارہ میں کیوں ادا کروں۔ میری بچی کھچی زندگی خود میرے لیے ایک کفّارہ بن چکی ہے۔ مزید خوں بہا کی مجھ میں سکت نہیں ہے۔ اس لیے تم میرے برتاؤ سے یہ اندازہ نہیں لگا سکتے کہ میں تمھیں کتنے فاصلے پر رکھنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
دوری اور قرب کے زہر کو میں پہلے ہی پی چکا ہوں۔ اب میرے لیے قرب اور فاصلہ دونوں برابر ہیں، مگر میں تو یہاں تمھیں یہ کہنے آیا تھا کہ افروز کی قبر کتبے سے محروم ہے۔ آج تک کسی نے اس قبر پر کتبہ نصب نہیں کیا۔ ‘‘
یہ شکایت تمھیں اس کے شوہر سے کرنی چاہیے۔ ‘‘
قاتل کبھی مقتول نہیں ہوتا۔ یہ اور بات ہے کہ مقتول قاتل ہی کا ایک روپ ہے۔ ہر مقتول کے ساتھ ایک قاتل وابستہ ہے اور ہر قاتل کے ساتھ ایک مقتول۔ ‘‘
مجھے گنتی نہیں آتی۔ ‘‘
لیکن حساب بے باق اسی صورت میں ہوتا ہے جب گنتی صحیح ہو۔
شوکت نے بالکل سچ کہا تھا کہ حساب کے معاملے میں تم ایک مارواڑی سے بھی آگے ہو۔ ‘‘
وہ خلافِ توقع چپ ہو کر رہ گیا۔ جب سلیم اُسے روندتا ہوا چلا گیا تو اس نے منہ ہی منہ میں ایک موٹی گالی دی اور گھر سے بے ارادہ نکل پڑ ا۔ پھر اچانک ایک اسکوٹر اس کے سامنے آ کر رک گیا۔ دراصل اسکوٹر میں کچھ خرابی پیدا ہو گی تھی ورنہ وہ جگہ ایسی نہ تھی کہ اس نوجوان کو بریک لگانے کی ضرورت پیش آتی۔ اس نے ایک لمحے کے لیے نوجوان کو دیکھا اور آگے بڑھ گیا۔
اب وہ سڑک کے آخری سرے سے بہت آگے نکل چکا تھا۔
ایک عجیب کشمکش، تناؤ اور بے چینی سے دوچار اس نے سوچا۔
کوئی فلم ہی کیوں نہ دیکھ لی جائے۔ سامنے ایک سنیما ہال تھا۔ دس بج چکے تھے۔ شاید فلم شروع ہو چکی تھی، مگر بکنگ پر ویرانی برس رہی تھی۔ اس نے وِنڈو پر پہنچ کر اپّر کلاس کا ایک ٹکٹ خریدا۔ سنیما ہال میں اندھیرا ڈول رہا تھا، مگر پردے پر روشنی تھی۔ ایک خوبصورت نوجوان گھوڑے کو سرپٹ دوڑاتا ہوا ڈاکوؤں کا پیچھا کر رہا تھا۔ وہ دس منٹ اپنی سیٹ پر جما رہا، اِدھر اُدھر نظریں دوڑائیں ، مگر اُسے یہاں بھی بڑی گھٹن کا احساس ہوا۔
وہ سینما ہال سے باہر آ گیا۔
تار کول کی لمبی اُداس اور گونگی سڑک آج اسے ایک ویران قبرستان کی طرح لگ رہی تھی اور وہ کئی بے جان قبروں کے بیچ اپنے کندھے پر ایک بے نام کتبے کو اٹھائے چل رہا تھا۔ !!
٭٭٭

گیندے کے پھول

ممکن ہے آپ نے اس منحنی قسم کے خوبصورت نوجوان کو نہ دیکھا ہو لیکن میں نے ہر روز شام اسے مارکیٹ کے نکڑ پر کچھ دیر ٹھہر کر ایک ننھی منی لڑکی کے ہاں سے گیندے کے پھول خریدتے ضرور دیکھا ہے۔
مارکیٹ کے برابر ہی میری کتابوں کی دکان تھی جہاں وہ کبھی کبھار نئی کتابوں کی تلاش میں آ نکلتا تھا اور جب میں نفی میں جواب دیتا تو وہ بجھ سا جاتا۔
اکثر وہ مجھے چھ اور سات بجے شام کے درمیان نظر آتا، لڑکی اس کے انتظار میں کھڑی ہوتی اور وہ اس کے خوبصورت گالوں کو محبت سے تھپتھپاتا، کوٹ کی جیب سے پیسے نکال کر اس کی ننھی منی ہتھیلی پر رکھ دیتا اور پھولوں کے گجرے اس سے لیتا۔ اور بہت سی لڑکیاں اور لڑکے چنبیلی اور موتیا کے گجرے لیے کھڑے ہوتے لیکن اس کے قدم کسی کے پاس نہ رکتے ، وہ بڑی بے نیازی سے ان لڑکیوں کے سامنے سے بھی گزر جاتا تھا جن کی جوانیاں اب پک چکی تھیں۔ لیکن مارکیٹ کے قریب آتے ہی اس کے قدم غیر شعوری طور پر اس لڑکی کی جانب مڑ جاتے جہاں نکڑ پر وہ گیندے کے پھول لیے کھڑی ہوتی۔ پتہ نہیں اسے گیندے کے پھولوں سے اتنا انس کیوں تھا، حالانکہ گلاب اور موتیا کے آگے گیندے کی کوئی حقیقت ہی نہ تھی، پھر نہ خوشبو اور نہ مہکار۔
کبھی کبھار جب لڑکی کے پھول بالکل ہی نہ بکتے تو وہ زیرِ لب مسکراتا ہوا سارے پھول اس سے خرید لے جاتا اور لڑکی فرطِ مسرت سے گرتی پڑ تی فضا میں جیسے اڑسی جاتی اور وہ دھیرے دھیرے آگے نکل جاتا۔ ایسے میں وہ بڑا خوبصورت لگتا، اس کے لبوں کے باریک خطوط قدرے کھل جاتے اور مسکراہٹ کی ایک خوبصورت سی لکیر سارے چہرے پر پھیل جاتی۔
میں دکان پر بیٹھا بیٹھا اجنبی کے بارے میں سوچنے لگا۔
اس کے کردار کے تار پود کچھ اتنے بکھرے ہوئے تھے کہ مجھے انھیں سمیٹ کر یکجا کرتے ہوئے بڑی دقت محسوس ہو رہی تھی۔ اگر لڑکی جوان ہوتی اور وہ اس سے پھول کے گجرے خریدتا تو میں بآسانی بھانپ جاتا کہ وہ کیا چاہتا ہے۔ یہاں ایسی کوئی بات نہ تھی، لڑکی عمر میں چھوٹی تھی، کوئی آٹھ دس برس کی ہو گی، رنگ قدرے سانولا ہی سا تھا لیکن آنکھیں بڑی خوبصورت اور نشیلی تھیں۔
وہ روز کسی خوبصورت کہانی کے شہزادے کی طرح دھیرے دھیرے بانکپن سے چلتا ہوا پھولوں والی شہزادی کے قریب آ کر رک جاتا، اسے محبت بھری نگاہوں سے گھورتا اور ہولے ہولے اس کے گالوں کو محبت سے تھپتھپاتا۔
لڑکی ہاتھ میں گیندے کے گجرے لیے اسے چپ چاپ معصومانہ نگاہوں سے ٹکر ٹکر دیکھتی، پھر وہ اپنی جیب سے پیسے نکال کر اس کی ننھی منی ہتھیلی میں تھما دیتا اور وہ خوشی سے اٹھلاتی ہوئی بھاگ کھڑی ہوتی۔
اس کے ساتھ والی لڑکیاں جو عمر میں اس سے بڑی تھیں دل ہی دل میں جل اٹھتیں اور وہ لڑکی کو فضا کی دھندلاہٹوں میں غائب ہونے تک گھورا کرتا۔
اس کے ہاتھ میں گیندے کے پھول ہوتے جنھیں وہ سونگھتا ہوا آگے نکل جاتا، وہ ہمیشہ تنہا گھوما کرتا، میں نے اسے کبھی دوسروں کے ساتھ گھومتے نہیں دیکھا، جیسے اسے اس دنیا میں کسی سے تعلق ہی نہ ہو۔
ایک صبح میں دکان کھول کر کتابوں پر اٹی گرد کو صاف کر رہا تھا کہ وہ آ دھمکا، میں نے ہمہ تن اشتیاق بن کر مودبانہ انداز میں سے پوچھا :
’’ کیا چاہیے آپ کو۔ ‘‘
’’ چاہیے تو بہت کچھ، پہلے یہ بتائیے کہ کچھ نئی کتابیں آپ نے منگوائی بھی ہیں ؟ ‘‘
اس کی گفتگو سے طنز کا ہلکا سا عکس صاف جھلک رہا تھا، جیسے وہ کہہ رہا ہو :
آپ نے دکان تو کھول رکھی ہے لیکن کتابیں منگوانے کا شعور نہیں۔ ‘‘
’’ چند نئی کتابیں آئی ہیں۔ ‘‘ میں نے دبی زبان سے کہا اور اس کے سامنے تازہ کتابوں کی فہرست رکھ دی۔
’’ہونہہ ‘‘ اس نے عجیب طرح سے منہ بناتے ہوئے کہا۔
’’ کون پڑھتا ہے ان کتابوں کو ؟‘‘
مجھے اس کے اس جملے سے بڑی ذہنی کوفت ہوئی، مجھے یوں لگا جیسے وہ میری دکان کے دوسرے گاہکوں کی بھی تذلیل کر رہا ہے۔
’ ’ ان کتابوں کو پڑھنے والے بھی انسان ہیں۔ ‘‘ میں نے دبی آواز میں کہا۔
’’ میں ان انسانوں میں سے نہیں ہوں۔ ‘‘ یہ کہہ وہ چپکے سے دکان سے اتر پڑ ا، پھر چند قدم جانے کے بعد وہ یکایک پلٹا، جیب سے قلم نکالا اور کہا :
’’ کاغذ رکھتے ہیں آپ ‘‘
مجھے پھر ایک بار محسوس ہوا جیسے وہ میری توہین کر رہا ہے۔
’’ جی ‘‘ میں نے سرپور پیپر ملز کا پیڈ اس کے آگے رکھتے ہوئے کہا۔
اس نے اپنی پسند کی کتابوں کے نام اس پر لکھ دئیے۔
اس کے چلے جانے کے بعد میں نے غور کیا، واقعی اس کی برہمی بجا تھی، کتنی بار اس نے نئی کتابوں کی فرمائش کی اور نفی میں سر ہلانے کے سوا کوئی جواب بھی نہیں دیا تھا میں نے۔۔۔ لیکن وہ اپنی پسند کی کتابیں اور دکانوں سے بھی خرید سکتا ہے۔ پھر ایسی کتابیں کون دکان میں لا کر رکھے جن کی عوام میں مانگ ہی نہ ہو، ہر شخص اس کی طرح ثقہ مذاق کا مالک تھوڑا ہی ہوتا ہے۔
ایک دن دوپہر ہی سے طوفانی بارش نے یوں زور پکڑا کہ قیامت ہی آ گئی، ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے آسمان کے سینے کو کسی نے برچھیوں سے چھید دیا ہو۔
جن دکانوں کے چہرے بارش کی سمت تھے وہ دکانیں جلد جلد بند ہونے لگیں۔ سب دکان داروں نے ایک ایک کر کے اپنے اپنے کواڑ بھیڑ لیے۔ مارکیٹ کے سامنے پھولوں کے گجرے فروخت کرنے والی لڑکیاں سائبان کے نیچے دبکی ہوئی ٹھٹھر رہی تھیں ، میں نے لڑکیوں کے اس گروہ میں اس معصوم لڑکی کو بھی دیکھنے کی کوشش کی، لیکن وہ کہیں بھی دکھائی نہ دی۔ کچھ دیر بعد میں نے گھڑی دیکھی، چھ بج چکے تھے لیکن بارش کا زور ابھی کم نہ ہوا تھا۔
میں نے دکان کے پٹ کو آہستہ سے کھولا اور مارکیٹ کے چورا ہے پر دیکھا، میں حیرت میں ڈوب سا گیا، وہ منحنی قسم کا جوان پھولوں والی لڑکی کے انتظار میں بارش میں بھیگتا ہوا کھڑا تھا۔
ٹین شیڈ کے نیچے سے ایک لڑکی چیختے ہوئے کہہ رہی تھی۔
’’ آپ بیکار بھیگ رہے ہیں بابو۔۔۔ وہ آج بارش کی وجہ سے نہ آ سکے گی۔ ‘‘
وہ چپ چاپ یوں ہوں ہی کھڑا رہا، جیسے وہ اب گیندے کے پھولوں کے بغیر گھر نہ جا سکے گا۔ تھوڑی دیر بعد وہ ننھی منی سی لڑکی ہاتھ میں گیندے کے پھول لیے بارش میں لت پت دوڑتی ہوئی اس کی طرف آ رہی تھی۔
’ ’ مجھے آج دیر ہو گئی بابو جی معاف کر دیجیے ، دیکھیے بارش کتنی سخت ہو رہی ہے ، میں آپ کے لیے گیندے لائی ہوں۔
وہ اس سے بے طرح لپٹ گیا، ’’ کوئی بات نہیں ،کوئی بات نہیں ، مجھے یقین تھا تم ضرور آؤ گی۔ ‘‘
اس نے اس کے ہاتھ سے گیندے کے گجرے لے لیے ، ا س کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر گالوں کو ہلکے انداز میں تھپتھپایا اور روز کی طرح آگے بڑھ گیا۔
میں سوچنے لگا کیا محبت اتنی بے محابا اور عظیم ہو سکتی ہے کہ ایک خوبصورت نوجوان ایک چھوٹی سی غریب لڑکی کے لیے بارش میں بھیگتا ہوا اس طرح انتظار کر سکتا ہے ؟کہیں وہ کسی نفسیاتی مرض کا شکار تو نہیں۔
ایک دن میں نے اپنے ایک دوست سے اس واقعے کا ذکر کیا، اس نے بڑی دلچسپی کے ساتھ میری ساری باتیں سنیں ، اس کی زندگی میں شاید یہ پہلا واقعہ تھا جو اپنے دامن میں ایک عجیب قسم کی گھمبیرتا لیے ہوئے تھا، اس نے کافی دیر سوچنے کے بعد فیصلہ کن انداز میں کہا :
’’ ایسے آدمی عموماً کسی نہ کسی نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں یا خبطی۔ ‘‘
مجھے اپنے دوست کی پہلی بات میں کچھ وزن دکھائی دیا۔
پھر ایک شام میں نے دیکھا، پھولوں والی شہزادی سڑک کے کنارے اداس کھڑی تھی اس کے ہاتھ میں گیندے کے پھولوں کا آخری گجرا ہولے ہولے کانپ رہا تھا جیسے وہ اسے جلد سے جلد اپنے محسن کے ہاتھ میں تھما کر گھر جانے کے لیے بے چین ہو۔۔۔
رات کے آٹھ بج چکے تھے ، پھولوں کے گجرے بیچنے والی سب لڑکیاں اپنے اپنے گھروں کو جا چکی تھیں اور وہ تنہا اپنے محسن کے انتظار میں کھڑی تھی۔
میں دکان کے دونوں پٹ بند کر کے واپس آیا، تالا لگا کر ایک بار زور سے کھینچا،جب پوری طرح اطمینان ہو گیا تو میں نے کندھے پر یوں ہی ڈالے ہوئے کوٹ کو سیدھا کر کے پہن لیا۔ میں ایک دو قدم آگے ہی بڑھا تھا کہ مجھے دور سے اس نوجوان کی چیخ سنائی دی۔
’’ شہزادی ٹھہرو میں آ رہا ہوں۔ ‘‘
تم نے میرا تھوڑا سا بھی انتظار نہ کیا دیکھو مجھے بخار ہے ، ورنہ مجھے دیر نہ ہوتی۔
’’ تم نے ایسا کیوں کیا بولو شہزادی۔۔۔ بولو ؟ ‘‘
لڑکی کے خالی ہاتھ بری طری کانپ رہے تھے ، اس کا بھولا بھالا معصوم چہرہ کمھلا گیا تھا اور آنکھیں خفت سے جھک گئی تھیں ، جیسے وہ چوری کرتے ہوئے پکڑی گئی ہو۔
وہ پھولوں والی شہزادی کو ڈانٹ کر بڑا اداس دکھائی دے رہا تھا۔
’’مجھے معاف کر دو شہزادی، مجھے معاف کر دو۔ میں نے تمھارے کومل دل کو توڑا ہے لیکن کیا میرا تم پر کچھ بھی حق نہیں ہے۔ ‘‘ مجھے معاف کر دو۔ وہ رندھے ہوئے گلے سے معافی مانگ رہا تھا۔
ان دو چار ماہ میں بہت کم ایسے دن آئے جو میں نے اس دونوں کی طرف توجہ نہ دی ہو۔ میری آنکھوں کے سامنے روز ہی زندگی کا یہ عجیب و غریب ڈراما ایک کسک لیے آتا اور میری آنکھیں پتہ نہیں کیوں نم ہو جاتیں۔ اس طرف چار پانچ برس میں یوں انقلاب آئے کہ بازار کا نقشہ ہی بدل کر رہ گیا۔ دربار ریسٹورنٹ کی جگہ کسی ڈاکٹر نے ڈسپنسری کھول لی، سامنے والے لمبی سڑک کا سارا کنکریٹ تار کول کی شکل میں تبدیل ہو گیا، مارکیٹ کو ڈھا کر از سر نو خوبصورت انداز میں تعمیر کیا گیا۔
پھولوں والی شہزادی اب جوان ہو چکی تھی، اس کی آنکھوں میں ایک خاص قسم کی چمک پیدا ہو گئی تھی۔ وہ آج بھی پھولوں کے گجرے لیے اپنے محسن کے انتظار میں کھڑی ہوتی اور وہ منحنی سا نوجوان ٹھیک وقت پر آ کر اس سے پھول خرید لے جاتا۔
اب اس دبلے پتلے نوجوان میں غیر شعوری طور پر ایک تبدیلی پیدا ہو گئی تھی، شام کو جب وہ شہزادی سے گجرے لیتے ہوئے اس کے گالوں کو محبت سے تھپتھپاتا تو اس کے ہاتھ کانپ کانپ جاتے اور لڑکی کو یوں محسوس ہوتا جیسے وہ کسی تنور میں جھونک دی گئی ہو۔ اس کے کانوں کی لویں پھڑک اٹھتیں ، وہ آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ڈوب جانے کے انداز میں اسے گھورتا، یہاں تک کہ اس کی آنکھوں سے آنسوؤں کے چند قطرے پلکوں پر آ کر تھرا جاتے۔
وہ روز میری دکان کے سامنے سے گیندے کے گجرے لیے آہستہ آہستہ گزرتا جیسے اس کی زندگی کے ڈرامے کا کوئی ڈراپ سین ہی نہ ہو۔ پھر ایک منحوس دن ایسا بھی آیا کہ میں شدید طور پر بیمار ہو گیا، پانچ چھے ماہ تک دکان پر تالا پڑ ا رہا، اس لیے میں ان دو محبت کرنے والی پاک ہستیوں کے بارے میں کچھ زیادہ جان نہ سکا۔ پھر جب میری صحت ٹھیک ہو گئی تو ڈاکٹر نے مجھے چلنے پھرنے کی اجازت دے دی۔
میں اپنی دکان کھولنے کے ارادے سے جب بازار سے گزر رہا تھا تو بہت سے دکان دار سر نکالے ہمدردی میں ڈوب کر میری خیریت دریافت کر رہے تھے اور میں سوچ رہا تھا کہ کسی دن بھی تو یہ کم بخت مجھے دیکھنے ہسپتال نہیں آئے ،اب صحت ٹھیک ہو گئی تو خیریت دریافت کرنے چلے ہیں۔ میں نے دکان کھولتے ہی پہلے جھاڑو دی، ساری دکان گرد سے اٹی ہوئی تھی،پھر دوپہر کی ڈاک آ گئی۔ پوسٹ مین نے مجھے تازہ کتابوں کا بنڈل دیا۔ نئی کتابوں کو پا کر مجھے بڑی تسکین ہوئی کچھ ایسے بھی کہ ان آئی ہوئی تازہ کتابوں میں اس نوجوان کی پسند کی دو کتابیں بھی تھیں۔ دوسرے دن شام کی چائے پینے کے بعد میں دکان پر بیٹھا اس نوجوان کے بارے میں سوچ رہا تھا کہ یکایک میری نگاہ اس پر پڑ ی، وہ کھویا کھویا سا مریل ٹٹو کی طرح سڑک پر آہستہ آہستہ چل رہا تھا جیسے کسی نے اسے زخمی کر دیا ہو۔ اسے دیکھتے ہی یکبارگی مجھے اس کی من پسند کتابیں یاد آ گئیں۔
’’ آپ کی کتابیں آ گئی ہیں صاحب، آپ کی کتابیں۔ ‘‘
’’ ہوں۔۔۔ ‘‘ وہ ایک لمحے کے لیے لڑکھڑاتا ہوا رکا اور میرے قریب آ کر دل دوز آواز میں دھیرے سے کہا۔
’’ اب مجھے کتابیں نہیں چاہئیں ، گیندے کے پھولوں والی شہزادی چاہیے ، گیندے کے پھولوں والی۔ ‘‘
اس کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو ڈھلک گئے ، میں دل مسوس کر رہ گیا۔ مارکیٹ کے نکڑ پر شہزادی کی جگہ اس کی ہم سن ایک چیچک رو لڑکی گیندے کے پھول ہاتھ میں لیے کھڑی تھی۔ مجھے یوں لگا جیسے میری ساری کتابیں ہوا میں اڑ گئی ہوں۔۔۔ !
٭٭٭

تنہائی اور تنہائی

راستہ چلتے چلتے اچانک نگاہ ایک پوسٹر پر گئی جہاں کسی نئی فلم کے بجائے تعزیتی جلسے کی تفصیلات درج تھیں۔
اس نے سوچا۔ پرانی پکچر کو دوبارہ دیکھ کر بور ہونے سے بہتر یہی ہے کہ وہ تعزیتی جلسے میں چلا جائے۔
سڑک انسانی قافلوں کے بوجھ سے لدی ہوئی تھی لیکن ساری گڑبڑ اس پوسٹر نے مچا دی تھی جس پر اس کی نگاہیں مضبوطی سے جمی ہوئی تھیں۔
وہ دیوار سے چمٹے پوسٹر میں ابھی تک کھویا ہوا تھا، دفعتہً ایک اجنبی نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے عجیب انداز میں کہا :
’’ لوگ منہ پر تھوکتے ہیں، لیکن اس نے پان کی پیک میرے کپڑوں پر اچھال دی تھی۔ میرے احتجاج پر اس نے کہا تھا : آج تک کسی نے میرے منہ پر نہیں تھوکا اس لیے میں نے آج پان کی پیک تمھارے کپڑوں پر تھوکی ہے ، کیا تم اس بدتمیزی کے لیے مجھے معاف نہیں کرو گے ؟ ذرا سوچو۔ وہ آدمی کیسا ہو گا، مرتا وہی ہے جو پیدا ہوتا ہو، اس نے تو ابھی جنم ہی نہ لیا تھا کہ مرگیا۔۔۔ ‘‘
اس نے جواباً کچھ نہ کہا، صرف اس کی باتیں سنتا رہا، نہ وہ مرنے والے سے واقف تھا اور نہ اس آدمی سے جو اچانک وارد ہوا تھا۔ وہ جب چلا گیا تو اس نے سوچا، کہیں ایسا تو نہیں اس آدمی نے زندگی کے سارے زہر کو چاٹ لیا ہو اور اب اس کے ہاں کچھ بھی باقی نہ رہا ہو۔
وہ اس ڈرامائی ملاقات کے پس منظر میں بڑی دیر تک ڈوبا رہا، یہاں تک کہ اس کے ذہن سے یہ احساس ہی مٹ گیا کہ مرنے والا پان چبایا کرتا تھا اور اس نے کبھی زندگی میں پان نہیں کھایا تھا۔ مگر یہ کیا، دیوار پر چسپاں تعزیتی پوسٹر کی جگہ ایک اور نئے پوسٹر نے کب جگہ بنائی۔
’’ آج ہندوستان کے چند اہم مسخروں کے ساتھ مہیشوری ہال میں شام گزارئیے ، ٹکٹ، سو روپے ، پچاس روپے اور بیس روپے۔ ‘‘
اس نے جیب میں ہاتھ ڈال کر پیسے ٹٹولے ، اس کی جیب میں صرف چند روپے تھے اور وہ ہندستان کے چند اہم مسخروں کے ساتھ شام گزارنے کا اہل نہ تھا، اب اس کے لیے ایک ہی راستہ تھا یا تو وہ اپنے گھر جائے یا پھر تعزیتی جلسہ اٹینڈ کرے۔ اس نے دوسرے راستے کو ترجیح دی۔
وہ اب جلسہ گاہ میں داخل ہو چکا تھا، ہال بہت بڑا تھا اور اسی مناسبت سے کرسیاں جمادی گئی تھیں ، کچھ کرسیاں خالی تھیں اور کرسیوں پر بیٹھے ہوئے لوگ باتوں کے تانے بانے میں کھوئے ہوئے تھے۔ ہر آدمی مرنے والے کے بارے میں کچھ نہ کچھ کہے جا رہا تھا، وہ یہاں سے اکتا کر جلد ہی باہر آ گیا۔
’’ دیکھ لیا نہ تماشہ۔۔۔ ؟ ‘ ‘ اب اس کے سامنے وہی پراسرار اجنبی کھڑا تھا، اس کے لہجے میں بڑا طنز اور تیکھا پن تھا۔
’’ اب اور کوئی تماشا دیکھنے کی خواہش نہیں ہے ؟ ‘‘
وہ چپ رہا۔
’’ کیا تمھیں وہ شے بھی وہاں نہ ملی جس کے لیے تم وہاں گئے تھے ؟ ‘‘
’ اس طرح کاسہ بہ کف لوٹ آئے ہو کہ مجھے تم پر ترس آ رہا ہے۔ ‘‘
وہ اب بھی چپ تھا۔
’’ فلسفہ ہماری منزل نہیں ، خود فریبی ہی ہمارا اثاثہ ہے ان چند لمحوں کا رس نچوڑ لیں جو اب ہمارے قبضے میں ہے۔ ‘‘
’’ کیا وہ ہمارے قبضے میں۔۔۔ ‘‘ اس نے بڑی بے دلی سے کہا۔
’’ چند سکے جو بار کی نذر ہو جائیں گے۔۔۔ ‘‘
’’ اس کے بعد کیا ہو گا۔۔۔ ؟‘‘
’’ آئندہ کیا ہو گا یہ کبھی نہ سوچو وقت کم ہے ایسا نہ ہو کہ بار کے دروازے بھی بند ہو جائیں۔ ‘‘
’’ لیکن بار تو گیارہ بجے بند ہو جاتا ہے اور اس کے بعد کیا ہو گا۔ ‘‘
اس نے پھر ایک بار اپنی بات دہرائی، اس کے چہرے پر ایک انجانا سا خوف طاری تھا۔
’’ آگے دیکھا جائے گا۔ ‘‘ اجنبی نے بڑی بے نیازی سے کہا اور ٹیکسی والے کو آواز دی۔
’’ ٹیکسی۔۔۔ ؟‘‘
ٹیکسی ایک جھٹکے کے ساتھ رک گئی تو ڈرائیور نے کار سے سر نکالتے ہوئے کہا۔
’’ کیا آپ نے آواز دی تھی بابو جی۔۔۔ ؟‘‘
’’ کار آگے نکل گئی۔۔۔ ‘‘
اس نے پھٹی پھٹی نگاہوں سے ادھر ادھر دیکھا، سڑک دور دور تک خالی اور ویران تھی اور اس کے وجود سے لپٹا ہوا ایک آدمی پتہ نہیں اچانک کہاں غائب ہو گیا تھا !
٭٭٭

نسخہ

اُسے بالکل بہرا تو نہیں کہا جا سکتا تھا لیکن اس کے کانوں کے باریک و مہین پردے کمزور اور دبی آواز کے متحمل نہیں ہو سکتے تھے ، اس لیے اس کے قریبی ملنے والے بات کرتے وقت آواز کی اونچائی کا خاص خیال رکھتے تاکہ وہ ساری گفتگو سمجھ کر ا ن کے جواب دے سکے۔
وہ صورت شکل سے ذہین معلوم ہوتا تھا، چوڑی پیشانی، پتلی لمبی سی ناک، موزوں حد تک پتلے خوب صورت ہونٹ، چمکیلی اور نشیلی آنکھیں جن میں ذہانت کے ڈورے ہمیشہ دمکتے دکھائی دیتے۔
شروع شروع میں اسے پتہ تک نہ چلا کہ وہ تیزی سے اپنی قوت سامعہ کو کھوتا جا رہا ہے لیکن دھیرے دھیرے اسے اپنی اس کمزوری کا احساس ہونے لگا، خاص طور پر اس وقت جب کہ اس کے ساتھی بات کرتے وقت جھلا اٹھتے یا ہنس پڑ تے تھے۔ بچپن میں اس نے بہروں کے متعلق بیسیوں لطیفے سن کر ہنسی کے کنول کھلائے تھے لیکن آج یہ کنول سوکھ کر کانٹے کی مانند اس کے حلق میں چبھ کر رہ گئے تھے۔
اس کی شخصیت گھر میں بالکل غیر اہم سی تھی، کبھی کبھار اس کے احتجاج کی لاج رکھ لی بھی جاتی تو اس طرح کہ اسے احساس تک نہ ہو، لیکن وہ بلا کا ذکی الحس تھا۔ کبھی تو اس کے سامنے اتنی بلند آواز میں گفتگو کی جاتی جیسے بندوق کی باڑ چل رہی ہو اور کبھی اتنی آہستہ جیسے کوئی بیمار لاغر آواز میں کانا پھوسی کر رہا ہو۔
اس کی پیشانی پر پسینے کی بوندیں جم سی جاتیں ، اس کی چمکیلی آنکھوں میں اداسی کی ڈور لمبی ہو جاتی اور اس کے ہونٹ لرزش سے کانپ اٹھتے۔
چچا کی بے رخی سے فائدہ اٹھا کر اس کی بہنیں اس کا مذاق اڑاتیں ، چچی بھی اپنے سفید بالوں کا خیال نہ رکھتے ہوئے اپنے پوپلے منہ کے ساتھ ہنسی میں شامل ہو جاتیں اور چچا۔۔۔
لیکن جب آدمی ’’ زن مریدی ‘‘ کے ڈربے میں دبے پاؤں گھس جائے تو اس کا اللہ ہی حافظ ہوتا ہے۔
اسے ان باتوں کا سخت صدمہ تھا اور اسے اکثر اپنی بے بسی کا شدت سے احسا س ہوتا، جب آدمی زندگی کے آگے مجبور ہو جاتا ہے تو اس کی ذات میں بے حسی کے ساتھ ساتھ ہٹ دھرمی بھی در آتی ہے۔ شاید اسی لیے اس نے کبھی ہئیرنگ ایڈ استعمال کرنے کے مشوروں پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا۔
شام وہ اکثر اپنے مکان کے سامنے والے تالاب کے کنارے سے گزرتا، اس کے ہاتھ میں چھوٹی چھوٹی کنکریاں ہوتیں جنھیں وہ تالاب میں پھینک کر ایک مسرت سی محسوس کرتا۔
تالاب میں چھوٹی چھوٹی کنکریاں پھینکنا اس کا محبوب مشغلہ تھا، جب چھوٹی چھوٹی کنکریاں پانی کی سطح کو چیرتی ہوئی تالاب کی تہ میں جا بیٹھتیں تو اسے محسوس ہوتا جیسے اسے من کی شانتی مل گئی ہو۔
آج شام لوٹتے ہوئے وہ تالاب کے جنوبی کنارے تک گیا لیکن خالی پڑ ی ہوئی بنچوں کو دیکھ کر اسے حیرت ہوئی، حالانکہ روز یہ بنچیں اور کرسیاں بھری ہوئی ہوتیں۔
شام کے بادباں پنکھ کھولے ہوا میں اڑ رہے تھے اور ہوائیں سائیں سائیں کرتی ہوئی چیخ رہی تھیں ، تالاب کے سامنے دو رخی درخت چپ چاپ کھڑے تھے جن پر پرندے بیٹھے اونگھ رہے تھے۔ وہ وہاں سے بجھا بجھا سا اٹھا، آخر اس کی ویران اور تاریک زندگی میں بہار کی چاپ کب سنائے دے گی۔ آخر کب !
اسے تالاب کے کنارے بڑا ذہنی سکون ملتا یہاں نہ بازاروں کی طرح شور و غل تھا اور نہ کارخانوں کی چمنیوں سے نکلتے ہوئے گاڑھے دھوئیں کی تلخ بو۔۔۔ شاید اسی لیے اس کی روح یہاں آ کر بڑی لطیف ہو جایا کرتی تھی۔
وہ آہستہ آہستہ قدم اٹھاتا ہوا گھر سے آ گیا۔
دوسرے دن شام بڑی سلونی اور خوشگوار تھی، اس کے قدم غیر شعوری طور پر تالاب کے کنارے کی سمت بڑھ رہے تھے ، وہ تار کول کی لمبی سڑک پار کرتا ہوا کچی سڑک پر آیا تو اسے تسکین سی ہوئی کیونکہ یہاں سے تالاب کی سرحد شروع ہو جا یا کرتی تھی۔
آج تالاب کے کنارے غیر معمولی بھیڑ تھی، وہ کنارے کنارے دور تک یوں ہی چلتا رہا اور جب کچھ تھک سا گیا تو ایک بڑے پتھر پر بیٹھ کر حسبِ معمول کنکریاں پھینکتا رہا۔ کبھی کبھار چھوٹی چھوٹی مچھلیاں تیرتی ہوئی ان کنکریوں کو پکڑنے کے لیے منہ کھولتیں تو یہ منظر اسے بڑا حسین لگتا۔
تالاب کے کنارے کے درخت بھی آج سرا سرا رہے تھے کیونکہ ہوائیں تیز چل رہی تھیں ، تھوڑی دیر بعد ہی آسمان پر کالے بادل چھا گئے اور موسلا دھار پانی برسنے لگا، لوگ دوڑے دوڑے سائبان کے نیچے ہو گئے اور جو لوگ کاروں میں آئے تھے وہ آئینے چڑھا کر بارش کا سماں دیکھنے لگے۔ وہ تالاب کے کنارے یوں ہی چپ چاپ بیٹھا رہا، بارش کے موٹے موٹے قطرے اس کے جسم پر ضربیں لگا رہے تھے لیکن وہ نہایت اطمینان سے تالاب میں کنکریاں پھینکتا رہا۔
وہ موٹر میں بیٹھا اس عجیب و غریب انسان کو دیکھ رہا تھا۔ اس نے سوچا، ہو گا کوئی پاگل، لیکن وہ صورت شکل سے شریف آدمی معلوم ہوتا تھا، پھر وہ پاگلوں کی طرح خواہ مخواہ کیوں بارش میں بھیگے جا رہا ہے۔ رہ رہ کر یہ سوال اس کے ذہن کے محور پر دوڑنے لگا۔
تالاب کے دونوں کناروں تک کچی مٹی کی دو رخی لمبی سڑک دور تک چلی گئی تھی، ا س نے موٹر اسٹارٹ کی اور اس کے قریب پہنچ کر ہارن بجایا، لیکن وہ ذرا بھی ٹس سے مس نہ ہوا۔
وہ اب بھی بدستور تالاب میں کنکریاں پھینک رہا تھا، بارش کا زور کم ہو گیا تھا صرف ہلکی ہلکی بوندا باندی ہو رہی تھی۔ وہ موٹر سے اتر کر اس کے پیچھے آیا، پیروں سے آواز بھی کی لیکن اس کے استغراق میں کوئی فرق نہ آیا۔
وہ تالاب کے کنارے چپ چاپ یوں بیٹھا تھا جیسے وہ انسان نہیں اسٹیچو ہو، اس کے کپڑے بارش میں لت پت ہو گئے تھے اور جسم پر سے بارش کا پانی ٹپ ٹپ نیچے گر رہا تھا۔
’’ دیکھیے ، کیا میں آپ سے بارش میں بھیگنے کا سبب پوچھ سکتا ہوں ؟ ‘‘
مگر وہ خاموش رہا۔
’’ آپ کو نمونیہ ہو جائے گا۔ ‘‘ وہ اس کے چہرے کے مقابل کھڑا کہہ رہا تھا۔
وہ یک لخت اٹھا، اس کے گہرے نیلے رنگ کا بش شرٹ پانی میں بھیگ کر اس کے سینے سے چمٹ گیا تھا اور پینٹ کی بھی کچھ عجیب سی حالت ہو گئی تھی۔ اس نے پھٹی پھٹی آنکھوں سے اسے دیکھا، اس کی بڑی بڑی چمکیلی آنکھوں کے خلاؤں میں ایک عجیب سی نمی تیر رہی تھی جیسے سارے جہاں کی کلفتیں ان خلاؤں میں آ کر ڈوب گئی ہوں۔ اس کے پتلے ہونٹ لرز رہے تھے۔
اسے محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ کچھ کہنا چاہتا ہے لیکن کوئی غیر مرئی طاقت اسے کچھ کہنے سے روک رہی ہے۔ اس نے بش شرٹ کی جیب سے چار مینار سگریٹ کی ڈبیہ نکالی لیکن ڈبیہ کے اندر سگریٹ پانی میں بھیگ کر خراب ہو گئے تھے۔ یہ دیکھ کر اس نے فوراً سگریٹ کیس نکالا اور اس کے ہاتھ میں تھما دیا۔
وہ شکریہ کہے بغیر کیس سے سگریٹ نکال کر پینے لگا، اس نے دو تین لمبے کش لگائے اور اس کی طرف مخاطب ہو کر کہا۔
’’ آپ کے چہرے کے اتار چڑھاؤ سے میں نے اندازہ لگایا ہے کہ آپ نے ابھی ابھی میری ذات کے تعلق سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے لیکن میرے ہاں اس کا صرف ایک جواب ہے کہ میں بہرا ہوں ، مجھے کسی کی ہمدردی نہیں چاہیے۔ ‘‘ یہ کہہ کر وہ کچھ آبدیدہ سا ہو گیا اور لمبے لمبے ڈگ بھرتا ہوا دور نکل گیا۔
اس نے زور سے اسے آواز دی، پھر اپنے آپ کہہ اٹھا۔ وہ بھی کیا چغد ہے ، بے چارہ بہرا ہی تو ہے ، آواز کیا خاک سن سکے گا۔
وہ بت بنا اسے دیر تک دیکھتا رہا، یہاں تک کہ دھند کی دبیز چادر میں وہ گم ہو گیا۔
وہ رات بستر پر پڑ ا اس کے بارے میں سوچتا رہا، اس کے چہرے کے تیکھے نقوش، اس کے بات کرنے کا انداز صاف اس بات کی شہادت دے رہا ہے کہ وہ ایک خاص کردار ہے لیکن قدرت کی ستم ظریفی دیکھ کر اسے دکھ ہو رہا تھا۔ اُس نے اسے بہروں کی صف میں جگہ دے دی۔
جہاں تک اس کا خیال تھا وہ بہرا نہیں تھا،اگر کسی حد تک اونچا سننے کا عادی بھی تھا تو بھی اس میں اس کے اپنے احساسِ کمتری کا زیادہ دخل تھا۔
اچانک اس کے دماغ میں مشہور ماہرِ نفسیات لوئی کی کتاب ’’ بہرا پن۔۔۔ بیماری نہیں ‘‘ ابھر آئی۔
بہرا پن دراصل کوئی مرض نہیں ہے ، ہوتا یوں ہے کہ کبھی کبھار آدمی کسی بات کو سن نہیں پاتا، ایسے میں اگر کوئی اسے کہہ دے۔ کیا تم اونچا سنتے ہو ؟ تو وہ بات اس کے تحت الشعور میں پھنس جاتی ہے اور آدمی اپنے آپ کو بہرا سمجھنے لگتا اور ایک نوبت ایسی بھی آ جاتی ہے کہ وہ مکمل طور پر اپنی قوت سامعہ کھو بیٹھتا ہے ، اس لیے تحت الشعور سے یہ بات فوری نکال دینی چاہیے کہ وہ اونچا سننے کا عادی ہے۔
اب اگر کہیں اُس سے اُس کی ملاقات ہو جائے تو وہ ضرور اسے یہ کتاب پڑھنے کا مشورہ دے گا، کیا عجب کہ یہ کتاب اس کے لیے مفید ثابت ہو۔ پھر اس نے سوچا، آخر اس کی ذات سے دلچسپی کی کوئی وجہ بھی تو ہو، مانا کہ اس کی حرکات میں بڑے فن کاروں کی سی خوبی ہے لیکن اس کی شخصیت پر کیا اثر پڑ تا ہے ، کوئی دلچسپی نہ بھی ہو تو کسی کے کام آنا بھی تو انسانیت ہے۔ اس کے ذہن میں عمل اور رد عمل کا جو دورہ پڑ ا تو دیر گئے تک رکنے کا نام نہ لیا۔
پھر ایک دن وہ گھر سے نکل کر بازار کے چورا ہے پر آیا تو لوگوں کا کافی ہجوم تھا۔
’’ ارے رے رے۔۔۔ بے چارہ جوان آدمی تھا۔ ‘‘
’’ خدا کی شاید یہی مرضی تھی۔ ‘‘
’’ پڑھا لکھا معلوم ہوتا ہے۔ ‘‘
’’ اف اللہ رحم کرے۔ ‘‘
’’ زندگی پانی کا بلبلا ہی تو ہے۔ ‘‘
مجمع کو چیرتا ہوا آگے بڑھا تو اس کے ہوش اڑ گئے ، وہ تالاب کے کنارے والا ساتھی تھا،کار کے پہیے کی ضرب سے اس کا منہ بالکل پچک گیا تھا، خون سے مٹی گیلی ہو گئی تھی، اس کے قریب ہی ایک کتاب پڑ ی تھی جس پر لکھا تھا۔
’’ بہرہ پن۔۔۔ بیماری نہیں۔ ‘‘ ٭٭٭

کھلاڑی

وہ رات دیر گئے اپنے پرانے آشناؤں کے ساتھ رمی کھیل کر گھر لوٹ رہا تھا، آج اس کی ہار کا چوتھا دن تھا اور پانچویں دن کی قسمت آزمائی کے لیے اس کے پاس مزید روپے نہیں تھے۔
راستہ چلتے چلتے سوچنے لگا ان چار دنوں میں اس نے لگ بھگ چار سو روپے ہار دیتے اور اگر وہ ان چار سو روپوں کو کسی طرح بچا لیتا تو اس کے کئی اہم کام تکمیل پا سکتے تھے ، وہ اپنے لیے کچھ نئے کپڑے سلوا سکتا تھا، بیوی کے لیے دو ایک قیمتی ساریاں خرید سکتا تھا،مگر محض سوچنے سے کیا ہوتا ہے۔
اس نے جیب میں ہاتھ ڈال کر دیکھا سوائے ریز گاری کے کچھ نہ تھا۔
جیسے سالے نے کبھی روپے کی صورت دیکھی ہی نہیں ، وہ اپنے ساتھیوں کو منہ ہی منہ میں گالیاں دیتا رہا، خاص طور پر رفیق کو جس کے ورغلانے پر آج وہ چوتھی مرتبہ یہاں آیا تھا، اس کلب میں جہاں اسے بہت کم جیتنے کا موقع ملا تھا، ہر بار وہ ہارتا رہا تھا۔
رات تاریک تھی، اسٹریٹ پر کھڑے ہوئے بجلی کے کھمبوں کے قمقمے بھی جیسے اونگھ رہے تھے ، ایک رکشا سامنے کھڑی تھی۔
’’ اے رکشا والے۔ ‘‘
اس نے دور سے آواز دی مگر رکشا والا یوں ہی کھڑا اس کی آمد کا انتظار کرتا رہا، جب وہ قریب آیا تو اس نے دیکھا رکشا میں ایک بد شکل سی عورت بڑے بے ڈھنگے انداز میں بیٹھی ہوئی تھی۔
’’ اس میں تو سواری ہے ؟ ‘‘
’’ سواری سے کیا ہوتا ہے صاحب، یہ سواری بھی تو آپ ہی کی ہے۔ ‘‘ رکشا والے نے اپنے بے ڈھنگے دانتوں کی نمائش کرتے ہوئے ڈھٹائی سے کہا۔
’’ مجھے رکشا نہیں چاہیے۔ ‘‘
اس نے کوفت اور غصے کے عالم میں کہا، اسے اپنی خوبصورت بیوی یاد آئی۔ یہ کیسے لوگ ہوں گے جو اتنی بد شکل عورت سے ہم آغوش ہوتے ہوں گے۔ وہ یوں ہی سوچتا ہوا آگے بڑھ گیا۔ مین روڈ پار کرتے ہی پولیس کانسٹبل نے اسے روکا۔
’’ کہاں سے آ رہے ہو۔ ‘‘
’’ کلب سے رمی کھیل کر۔ راستے میں کار خراب ہو گئی اس لیے واک (Walk) کر رہا ہوں۔ ‘‘
کانسٹبل نے اپنی زبان بند کر لی اور سیلوٹ کچھ اس مودبانہ انداز میں مارا کہ اسے لا محالہ اٹھنی دینی پڑ ی، کانسٹبل کے سلام کے بعد اس کا سینہ فخر اور تمکنت سے کچھ پھول سا گیا، اسے وقتی طور پر یوں لگا جیسے وہ کوئی بڑا آدمی ہو۔ بڑائی کا یہ نشہ پندرہ بیس منٹ ہی میں اتر گیا، اس وقت اسے احساس ہوا کہ وہ کافی تھک چکا ہے اور اسے بہت دور پیدل جانا ہے ، گو پیدل چلنا اس کی ایک عادت ہی تھی لیکن شاید مسلسل ہار کے سبب اسے راستہ طے کرتے ہوئے بڑی تھکن کا احساس ہو رہا تھا۔ وہ پچھلے کئی دنوں سے مسلسل دیر سے گھر پہنچ رہا تھا،اس نے سوچا زرینہ کھانا کھا کر سو چکی ہو گی، وہ اس کے دیر سے گھر لوٹنے پر کچھ کہتی بھی تو نہیں ، صرف ایک بار اس نے ملائمت اور غصے کے ملے جلے جذبے میں کہا تھا۔
’’ بہت دیر کرتے ہیں بھئی آپ۔ ‘‘
زرینہ اس کی بیوی ہی نہیں محبوبہ بھی تھی، ایک ایسی محبوبہ جس کا جا و بے جا فرمائشوں سے کوئی تعلق نہ تھا،پھر اچانک ا س کا دھیان رفیق کی طرف گیا، بدمعاش پیسے جیت کر کس طرح اٹھ کھڑا ہوا، وہ جب تک رفیق سے اپنے ہارے ہوئے پیسے جیت نہ لے گا اسے چین نصیب نہ ہو گا۔
راستے میں اسے پھر وہی رکشا دکھائی دی جس میں وہی بد شکل عورت بیٹھی ہوئی تھی، اس بار اس کے ساتھ ایک مرد بھی چمٹا ہوا تھا، بڑی بڑی مونچھوں والا کڑیل جوان جو اسی کی طرح بد شکل تھا۔ جب رکشا سامنے والی گلی میں مڑ گئی تو اسے اطمینان سا ہوا لیکن اس اطمینان میں ایک عجیب طرح کی گھٹن بھی شامل تھی۔
پیدل چلنا بھی ایک عذاب ہے ، کم بخت گھر آتا ہی نہیں۔ اس نے سوچا کہ اب ساتھیوں کے ساتھ وہ رمی کھیلنا چھوڑ دے گا، اپنی بیوی کو رمی سکھائے گا اور اسی کے ساتھ کھیلے گا، پھر ہار جیت کا سوال ہی نہ ہو گا، پیسہ گھر ہی میں رہے گا۔ مگر ایک آدھ ہفتہ وہ ایسا کر سکتا ہے ہمیشہ تو نہیں۔ پھر یاروں کی دوری اسے ستائے گی، بھلا کون آدمی اس طرح گھر کا ہو کر رہ جاتا ہے ، لوگ تو گھر کے نام سے ہی پناہ مانگتے ہیں ، وہ گھر رکھتے ہوئے بھی بے گھر ہوتے ہیں مگر اس کی بیوی نے اسے کافی چھوٹ دے رکھی ہے ، وہ اس کی تفریحات میں مخل نہیں ہوتی، ایک مقررہ وقت تک اس کا انتظار کرتی ہے پھر چپکے سے سو جاتی ہے۔ وہ یقیناً اپنی بیوی کے ساتھ زیادہ وقت گزار کر بور نہیں ہو گا، مگر اسے وقت ملتا ہی کتنا ہے ، شام کے چھ بجے تو اپنی فرم سے لوٹتا ہے اور صبح آٹھ بجے اسے اپنا گھر چھوڑنا پڑ تا ہے ، دس گھنٹے کام کرنے کے بعد وہ تھک سا جاتا ہے ، ایسے میں اگر دوست احباب کے قہقہے اسے نہ ملیں تو وہ بیمار ہو جائے گا،بیوی کی مسکراہٹ تو اسے کسی وقت بھی مل سکتی ہے۔
اب وہ گھر کے قریب پہنچ چکا تھا،اس نے دروازہ کھٹکھٹایا۔
’’ دروازہ کھولو۔ ‘‘
جواباً اس کی بیوی نے پیار بھری آواز میں کہا۔
’’ کھولتی ہوں۔ ‘‘
’’ کھولنا ہی پڑ ے گا۔ ‘‘ اس نے شرارت سے کہا۔ جوں ہی دروازہ کھلا ا س نے والہانہ انداز میں زرینہ سے لپٹ کر چٹا چٹ کئی بوسے لے لیے۔
’’ کیا بات ہے آج بہت خوش ہو، کچھ بہت زیادہ جیت لیا ہے کیا ؟ ‘‘
’’ جیتا تو کچھ نہیں ہاں ہمیشہ کی طرح ہار ضرور ہوئی ہے۔ ‘‘
کچھ ہو، تم خوش نصیب ہو کہ تمھیں دوست اچھے ملے ہیں ، خاص طور سے رفیق۔ ‘‘
رفیق کے نام کے ساتھ ہی اس کا سانس رک گیا۔
’’کیا کہہ رہی ہو، وہ تو ایک ذلیل آدمی ہے۔ ‘‘
’’ اگر وہ ذلیل آدمی ہوتا تو یوں تمھارے ہارے ہوئے آٹھ سو روپے مجھے لا کر نہ دیتا۔ ‘‘
٭٭٭

تماشہ

سارے لوگ نئے آئے ہوئے مہمان کی سواگت کے لیے جمع ہو گئے تھے مگر نو وارد غائب تھا، محلے کے بیشتر لوگ اپنے گھروں کی دہلیز پر کھڑے یہ تماشا دیکھ رہے تھے۔ دفعتاً ایک موٹا تازہ لمبے قد کا آدمی جس کے گلے میں رومال بندھا ہوا تھا دور سے آتا دکھائی دیا،اس کی آنکھیں سرخ تھیں اور ہونٹ پتہ نہیں کس جذبے کے تحت کانپ رہے تھے ، اس کی شخصیت کچھ ایسی تھی کہ سب لوگوں کی نگاہیں اس پر مرکوز ہو گئیں ، وہ بڑے اعتماد سے چلتا ہوا اپنے گھر کے قریب پہنچ کر ٹھہر گیا،پھر اس کی گھگی بندھ گئی تھی۔ وہ چپ تھا، اسی پر کیا منحصر تھا سب ہی لوگ چپ تھے کسی میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ اس سے کچھ کہے۔
اس نے خاص انداز سے اپنے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
اندر کچھ سرگوشی ہوئی پھر وہ باہر نکل آیا، اس کے ہاتھ میں لوٹا تھا، بہت سے لوگ جا چکے تھے لیکن دو چار آدمی ابھی تک کھڑے تھے۔
’’ کس کا لوٹا ہے یہ ؟‘‘ اس نے سامنے کھڑے ہوئے لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا۔
اُس کی آواز کچھ اتنی کرخت اور کن سری تھی کہ ان چاروں آدمیوں نے بھی خاموشی کی چادر اوڑھ لی۔
’’ کس کا لوٹا ہے یہ ؟‘‘ پھر اس نے سوال کیا مگر کسی نے بھی کچھ کہنے کی جرات نہ کی۔
پھر اس نے لوٹے کو ایک گھر کی چھت پر پھینک مارا اور لوٹا چھت سے ٹکرا کر گھر کے آنگن میں جا گرا۔
جب وہ چلا گیا تو ان چاروں آدمیوں نے اپنے اپنے گھروں کی راہ لی، پھر رات کو بہت سے لوگ جمع ہو گئے ، یہ سوچنے کے لیے کہ آخر آئندہ ان کا کیا حشر ہو گا۔
’’ کسی نے کہا۔ بھائی وہ صورت سے تو ایک خطرناک غنڈہ لگتا ہے۔ ‘‘
’ ’ بھلا ہی صورت سے غنڈہ لگے مگر اس نے ایک اچھی حرکت بھی تو کی ہے ، ا س نے لوٹا تو ہضم نہیں کیا۔ ‘‘
’’ اتنی حقیر چیز وہ لے کر بھی کیا کرتا۔ ‘‘
’’ سچ کہا تم نے ، اسے تو نقد مال چاہیے۔ ‘‘
’’ مگر سالے کا غصہ تو دیکھو کس دلیرانہ انداز میں للکار رہا تھا جیسے ہم لوگوں نے کوئی چوڑیاں پہن رکھی ہوں۔ ‘‘
اب باتیں تو بہت ہو رہی ہیں لیکن اس وقت تم لوگوں پر بزدلی کیوں طاری ہو گئی تھی۔ ‘‘
’’ کیا تم چاہتے ہو ہم غنڈے بن جائیں ، چیخیں چلائیں ، مار کٹائی پر اتر آئیں ، جھگڑا اور دنگا برپا کریں۔ ‘‘
کون کہتا ہے جھگڑا کریں ، گالیاں دیں مگر اتنا تو اس سے کہا جا سکتا تھا کہ وہ لوٹا ظفر کا تھا۔
’’ اچھا تو ا س طرح تم اسے پٹوا کر ظفر سے اپنی پرانی عداوت کا بدلہ لینا چاہتے ہو۔ ‘‘
’’ میں ایک اجنبی غنڈے سے اسے پٹواؤں گا، کیا میرے ہاتھوں میں دم خم نہیں ہے۔
’’ دم خم اگر ہوتا تو اس وقت بھیگی بلی کی طرح دکھائی نہ دیتے۔ ‘‘
’ ’مجھے کیا طعنہ دے رہے ہو اور بھی تو لوگ وہاں کھڑے تھے ان لوگوں نے کون سا تیر مارا، انھیں کیوں نہیں کہتے؟‘‘
’’ گویا یہ بات بے ٹوک کہی جا سکتی ہے کہ ہم سب لوگ بزدل ہیں۔ ‘‘
’’ ہر شریف آدمی بزدل ہوا کرتا ہے۔ ‘‘
’’ شرافت کا بزدلی سے کیا واسطہ ؟ ‘‘
’’ اب یہ بھی سمجھانا پڑ ے گا، اگر شریف آدمی بزدل نہ ہوتے تو وہ غنڈہ یوں ہمیں نہ للکارتا۔ ‘‘
’’ مگر ہر شریف آدمی کی شخصیت میں ایک غنڈہ چھپا ہوتا ہے اور ہر غنڈے کی شخصیت کے چور دروازے پر ایک شریف آدمی۔ ‘‘
’’ یہ باتیں کتابوں اور فلموں میں اچھی لگتی ہیں۔ ‘‘
’ تم کتابوں کو برا کہتے ہو ؟ ‘‘
’ برا میں نے نہیں کہا، میں نے تو ایک مثال دی ہے۔ ‘‘
’’ تمھیں کوئی اور مثال نہیں ملی۔ ‘‘
’ میرے ذہن میں جو بھی بات آتی ہے میں بے ٹوک وہی کہتا ہوں۔ ‘‘
’’ تو گویا اللہ میاں نے تمھیں ہی ذہن دیا ہے اور ہم سب لوگ گاؤدی ہیں۔ ‘‘
’’میں کب یہ کہہ رہا ہوں۔ ‘‘
’’ کہہ تو یہی رہے ہو۔ ‘‘
’’ چپ رہنے ہی میں بھلائی ہے۔ ‘‘
پھر درمیان میں ایک اور آدمی نے مداخلت کی، چپ رہنے کے علاوہ کوئی چارہ بھی تو نہیں۔ ‘‘
’’ مگر آپ لوگوں نے تو صرف اس آدمی کا غصہ ہی دیکھا ہے نشانہ نہیں۔ ‘‘
’’ کیا مطلب ؟‘‘
ارے بھائی لوٹے کی چوری ظفر کے گھر ہوئی اور لوٹا بھی دیوار سے ٹکرا کر اسی کے گھر میں جا گرا۔ ‘‘
اس کا مطلب یہی ہے کہ اگر وہ لوٹا ہمارے گھر گرتا تو کیا ہم ظفر کو واپس نہ کرتے۔ ‘‘
’’ جب ذہن کی ساخت ہی الٹی ہو تو وہ بے چارہ کیا کرے گا۔ ‘‘
’ حدود میں رہ کر بات کرو، ورنہ !‘‘
’’ تم مجھے دھمکی دیتے ہو۔ ‘‘
’’ نہیں بھائی یہ تمھیں وارننگ دے رہا ہے۔ ‘‘
’’ بات ایک ہی تو ہے۔ ‘‘
’’ مجھے وارننگ دینے کے لیے شیر کا کلیجہ چاہیے۔ ‘‘
’’ مگر سنا ہے جنگل میں شیروں کی نسل ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ‘‘
’’ تم درمیان میں کیا ٹانگ اڑا رہے ہو۔ ‘‘
’’ آدمی جب کچھ نہیں کر سکتا تو باتوں کا لبادہ اوڑھ لیتا ہے ، شیلٹر کے لیے کچھ تو چاہیے۔
’’ شٹ اپ۔ ‘‘
’’ شٹ اپ کہہ دینے سے کچھ نہ ہو گا، بات جب چل نکلی ہے تو آگے ہی بڑھے گی۔ ‘‘
’’ ذرا ذرا سی بات پر بحث میں الجھنا بے وقوفی ہے۔ ‘‘
’’ تو گویا الجھنے کے لیے بڑی بات چاہیے۔ ‘‘
’’ بات بڑی ہو یا چھوٹی بہر حال بات ہی تو ہے۔ ‘‘
’’ بھلا یہ بھی کوئی بات ہوئی۔ ‘‘
’’ پھر بات ہوتی کیا ہے۔ ‘‘
’’ دماغ چاٹنے کی بھی حد ہو گئی، بکواس سنتے سنتے طبیعت اوب چکی ہے۔ ‘‘
’ طبیعت بہلائی بھی تو جا سکتی ہے۔ ‘‘
’’ یار اس نے تو شاعری شروع کر دی ہے ، اب یہاں سے کھسکنا ہی بہتر ہے۔ ‘‘
’’ جانے والے کو بھلا کس نے روکا ہے۔ ‘‘
’’ پھر وہی چکر، وہی بھول بھلیاں ، سب بکواس ہے۔ ‘‘
’’ اور زندگی ؟ ‘‘
’’ وہ بھی بکواس ہے۔ ‘‘
’’ مگر وہ تو دیوانے کا خواب ہے۔ ‘‘
’’ اور خواب پر کیا بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔ ‘‘
’’ بھروسے کی بات مجھ سے نہ کرو، بھروسے ہی میں اپنی ساکھ گنوا بیٹھا۔ ‘‘
’’ تم ساکھ کی بات کر رہے ہو، ہم نے تو ساری زندگی بھروسے ہی کے سہارے گزاری ہے۔ ‘‘
’ ’ پھر اب باقی کیا بچا ہو گا۔ ‘‘
قبل اس کے کہ بات کچھ اور بڑھتی سامنے سے ظفر آتا دکھائی دیا۔
’’چلو ظفر ہی سے پوچھا جائے۔ ‘‘
’’ ظفر نے کوئی جواب نہیں دیا،اس کے چہرے پر پتہ نہیں کیوں پشیمانی جھلک رہی تھی، پہلے اس نے چور نگاہوں سے گلی کے چاروں اور نگاہ دوڑائی، سارے متحیر تھے کہ اب وہ کیا کہے گا۔
’’تم لوگ میرے گھر چلو، یہاں بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ ‘‘
سارے لوگ ایک ایک کر کے اس کے گھر جمع ہو گئے۔
’’ یارو غضب ہو گیا دراصل مجھ ہی سے کچھ غلط ہو گئی، میرا لوٹا حمام ہی میں پڑ ا ہوا تھا اور میں خواہ مخواہ۔۔۔ ‘‘
’’ اور پھر وہ دوسرا لوٹا ؟ ‘‘
’’ وہ میرا نہیں ہے۔ ‘‘ یہ کہہ کر ظفر نے اپنی آنکھیں جھکا لیں۔ ‘‘
٭٭٭

لہو کے چراغ

جب سامنے کی ویران مسجد سے بوڑھے موذن کی تھر تھراتی ہوئی نحیف آواز دیواروں سے ٹکراتی تب برکت علی اپنے تنگ و تاریک کمرے سے باہر نکل آتا،مسجد میں نماز پڑھنے کے بعد وہ تنور کے پاس آ بیٹھتا، کبھی کبھار جب بوڑھے موذن کو سردی محسوس ہوتی تو وہ بھی تھوڑی دیر کے لیے تنور کے قریب آ کر ہاتھ سینکنے لگتا۔
برکت علی کا خیال تھا کہ موذن ہاتھ سینکنے کے بہانے مفت روٹی کھانے آتا ہے۔ پہلے وہ اکڑوں بیٹھ کر لگن کو صاف پانی سے خوب مانجھتا پھر آٹے کو لگن میں بھگو کر خوب گوندھتا تاکہ آٹے میں چکناہٹ کے ساتھ ساتھ نرمی و ملائمت پیدا ہو سکے، پھر وہ لگن سے آٹے کی معینہ مقدار (پیڑا ) لے کر چھپا چھپ تنور کے اندرونی حصے میں دے مارتا، تنور کی ہلکی پھلکی خوبصورت روٹیاں جب پک پکا کر باہر آتیں تو روٹیوں کے انتظار میں بیٹھے ہوئے لوگ چیخ اٹھتے۔
’’ برکت بھائی پہلے مجھے ،اماں دے گا بھی یا نہیں۔ ‘‘ اور برکت علی کا ہاتھ بجلی کی طرح چلنے لگتا۔ ایک روپے میں دو روٹی آدھا سالن ‘‘ کے لیے برکت علی تنور مشہور تھا، اس لیے اطراف و اکناف کے سارے غریب لوگ صبح کا ناشتہ اس کے ہاں آ کر کرتے ، کھانے پینے کا یہ سلسلہ صبح پانچ بجے سے لے کر دن کے گیارہ بجے تک چلتا رہتا، پھر برکت علی کا تنور سونا پڑ جاتا۔
برکت علی صرف ’’ ناشتے ‘‘ کا بیوپاری تھا، دوپہر کے وقت اس کا تنور کسی نابینا بھکاری کی جھولی کی طرح خالی دکھائی دیتا۔
ادھر اس نے تھوڑے سے سرمائے سے یہ کاروبار شروع کیا تھا، تنور قائم کرنے کی اجازت ہی میں اسے کئی دن لگ گئے تھے۔
آج صبح ہی وہ ایک نوجوان سے بری طرح جھگڑ رہا تھا، بات گالی گلوج سے آگے بڑھ کر ہا تھا پائی تک آ پہنچی تھی، اس کو لڑتا دیکھ کر کس بھکاری نے موقع غنیمت جانا اور اس کے تنور سے دو روٹیاں چرا لیں۔
ایک لڑکے نے برکت علی کو پکار کر خبردار کیا اور اُس کے غصے کا پارہ اچانک چڑھ گیا اس نے ایک بیہودہ سی گالی نوجوان کو دی۔
’’ سالے کمینے جیب میں ایک پائی نہیں روٹی کھانے چلا۔ ‘‘ بے ایمان نے پانچ روٹیاں میری آنکھوں میں دھول جھونک کر ہضم کر لیں ، اب پیسے مانگتا ہوں تو کہتا ہے ’’پھر کبھی دوں گا۔ ‘‘ کیا سالے میرا ہی ایک تنور رہ گیا تھا مفت کھانے کے لیے ،تھو ہے تیری ذات پر۔ ‘‘ برکت علی نے اس کے منہ پر تھوکتے ہوئے کہا۔
مجمع میں سے ایک نوجوان نے جس کے چہرے پر نرمی اور ملائمت تھی، بڑے ہی اطمینان سے کہا : ’’ ٹھہرو بھائی اس کے منہ پر نہ تھوکو یہ صورت سے بڑا دکھی معلوم ہوتا ہے ، جانے کتنی آفت اور مجبوریوں کے بعد اس نے یہ حرکت کی ہو گی، وہ وقت قریب قریب آ رہا ہے بھائی جب کسی نوجوان کو بغیر پیسے دیے کھانا نہ پڑ ے گا اور اس کی یوں رسوائی نہ ہو سکے گی۔ ‘‘
’’آخر کتنے کا کھایا ہے اس نے ؟‘‘نوجوان نے برکت علی کے روبرو آ کر کہا۔
’’ دو روپے کا بابو صاحب۔ ‘‘
اب برکت کی آواز میں نرمی آ گئی، اس نے دو روپے برکت علی کے ہاتھ میں تھما دئیے اور چلا گیا۔
کالونی کے سارے لوگ نوجوان کو پھٹی پھٹی نگاہوں سے دیکھتے رہے جو آہستہ آہستہ چلتا ہوا عقبی گلی میں مڑ گیا تھا۔
ایک بوڑھا جس کا چہرہ جھریوں سے بھرا ہوا تھا ہنستا ہوا کہہ رہا تھا۔
’’ پگلا کہیں کا،دو روپے سے کیا ہو گا، اسے تو بہت سارے روپے چاہئیں ، وہ پھر کسی تنور پر روٹی کھا کر چپکے سے چلتا بنے گا۔ ‘‘
سب لوگ خاموش تھے اور ایک دوسرے کو آنکھوں ہی آنکھوں میں دیکھ رہے تھے جیسے کہہ رہے ہوں سب کچھ ٹھیک ہے ، بوڑھا بھی، بھکاری نوجوان بھی جس نے ابھی ابھی سب کے سامنے سبکی اٹھائی تھی اور برکت علی بھی۔
برکت علی کے تنور پر یہ پہلا واقعہ تھا، بظاہر معمولی سا واقعہ اس کے لیے چنداں اہمیت کا حامل نہ تھا لیکن اس واقعے نے اس کے دل میں ایک کسک پیدا کر دی تھی اور وہ سوچنے لگا، آدمی مجبوری میں کیا اس قدر بھی نیچا ہو سکتا ہے۔ اس کے ذہن کے چور دروازے پر اس دبلے پتلے نوجوان نے آ کر چپکے سے دستک دی جس نے جلد جلد پانچ روٹیاں کھا کر خاموشی اختیار کر لی تھی اور پھر وہ سانولا سلونا ریشم کے تاروں جیسے بڑے بالوں والا نوجوان جس نے نرمی کے ساتھ اسے دو روپے دیتے ہوئے کہا تھا۔
’’ گھبراؤ نہیں بھائی وقت قریب آ رہا ہے جب کوئی بغیر پیسے دئیے مفت کھا کر چلتا نہ بنے گا۔ ‘‘
اس کا دماغ گرامو فون ریکارڈ کی طرح گھومتا رہا اور اس کے کانوں میں بڑے ریشمی بالوں والے نوجوان کی آواز شعلہ بن کر لپکتی رہی۔
کوئی ایک مہینے کے بعد صبح ہی صبح تنور کے قریب بیٹھتے ہوئے ایک نوجوان نے ملائمت سے پر لہجے میں کہا :
’’ دو روٹیاں دینا بھائی۔ ‘‘
برکت علی روٹیاں جوڑنے میں مشغول تھا، دو نوجوان کھا کر اٹھتے ہوئے سستی دور کر رہے تھے۔
’’ لینا بھائی۔ ‘‘
برکت علی نے رکابی میں دو روٹیاں اور کٹورے میں دال کا پانی ڈالتے ہوئے کہا۔
نوجوان آہستہ آہستہ کھانے لگا۔
چوڑی پیشانی، ملیح رنگ، بڑے بڑے ریشم کے تاروں جیسے بال۔ اُس نے محسوس کیا یہ وہی نوجوان ہے جس نے پچھلے دنوں دو روپے دیتے ہوئے کہا تھا :
’’ اس کے منہ پر نہ تھوکنا بھائی، یہ صورت سے بڑا دکھی معلوم ہوتا ہے۔ ‘‘
برکت علی نے غور سے اس کی طرف دیکھا، اس کا دل بے اختیار چاہا کہ اس سے چھیڑ کر کچھ باتیں کرے ، وہ بات کرنے کے لیے مناسب الفاظ ڈھونڈ ہی رہا تھا کہ سامنے والی گلی کے مکان سے یکایک شور و غوغا بلند ہوا۔
جمعدار ممدو کے مکان کے بوسیدہ دروازے پر ڈنڈے مارتا ہوا چیخ رہا تھا۔ ’’ ابے چھنال کے بیٹے ممدو باہر نکل سالے ، کل تو نے میاں مشک کی مسجد سے جا نماز چرائی ہے۔ ‘‘
تلاش میں واقعی ممدو کے گھر سے جا نماز نکلی۔
محلے کے سارے لوگ حیران تھے اور ممدو کو طرح طرح کی گالیاں دے رہے تھے ، بوڑھی عورتیں ناک پر انگلی رکھ کر کہہ رہی تھیں :
’ ’ کیا زمانہ آ گیا ہے ، موئے کو کوئی اور چیز نہ ملی تھی چوری کرنے کے لیے۔ ‘‘
’’ خدا کے گھر میں چوری، نعوذ باللہ ‘‘ ایک بوڑھے نے داڑھی پہ تین بار ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا۔
جب علاقے کا جمعدار ممدو کو برکت علی کے تنور کے سامنے سے کھینچ کر لے گیا تو وہ اٹھ کھڑا ہوا۔
’’ اس نے مسجد سے جانماز چرائی ہے اس لیے تھانے لے جا رہا ہوں ، وہاں بیٹا جی کو چھٹی کا دودھ یاد آئے گا۔ ‘‘ جمعدار نے اکڑتے ہوئے کہا۔
محلے کے شریر بچے ممدو کو چڑاتے ہوئے بیک آواز جانماز چور پکار رہے تھے اور جمعدار چیختا ہوا کہہ رہا تھا۔ ’’ اے بن مائی کے سپوتو بھاگو یہاں سے ورنہ ایک ایک کی ہڈی پسلی الگ کر کے رکھ دوں گا۔ ‘‘
جمعدار کی دھمکی کے ساتھ بچے ادھر ادھر منتشر ہو گئے۔
’’ اب بتاؤ بابو صاحب ممدو کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے ؟ ‘‘
برکت علی نے سنہری تاروں جیسے بالوں والے نوجوان سے پوچھا جو کھانا ختم کر کے پیسے ادا کر رہا تھا، نوجوان نے اپنے مخصوص ملائمت سے پر لہجے میں کہا۔
’’ بات کوئی اہم نہیں ، سردی کا موسم ہے ممدو کو سردی لگی ہو گی، ا س لیے اس نے مسجد سے جانماز چرا لی،تم تنور کے قریب بیٹھ کر بھی جب سردی محسوس کرتے ہو تو بے چارہ ممدو جس کے پاس ایک پھٹی ہوئی بنیان ہے کیونکر سردی محسوس نہ کرتا۔ ‘‘
’’ لیکن مسجد سے جانماز چرانا گناہِ عظیم ہے صاحب۔ ‘‘ برکت علی نے اپنے جسم پر خدا کا پوری طرح رعب اور خوف طاری کرتے ہوئے کہا۔
’’ یہ گناہ اور ثواب دھوکے کی حسین لڑیاں ہیں جنھیں تم دیکھ نہ سکو گے۔ ‘‘ یہ کہہ کر وہ چپ ہو گیا۔ برکت علی سوچ میں پڑ گیا، اس کا دل اب روٹیاں ڈالنے میں نہیں بہل رہا تھا۔
برکت علی کا تنور روز صبح جتنا گرم رہتا اسی طرح اس کی جیبیں بھی گرم رہتیں ، اس کا کاروبار خوب چل رہا تھا لیکن ایک دن اچانک کسی نے اس کے تنور پر گھڑوں پانی ڈال دیا، اس کا چولھا اب پہلے کی طرح گرم نہ تھا اس لیے کہ اس کے قریب ہی ناگپور کی ایک عورت نے جس کا زبیدہ تھا کڑھائی چڑھا کر بھجیے اور پاپڑ تلنے شروع کر دئیے تھے۔
پیارے خد و خال والی زبیدہ جب اپنے نازک ہاتھوں سے بیسن کے بھجیے گرم گرم تیل میں چھوڑتی تو کڑھائی سے ایک عجیب سی آواز آتی اور لوگ مزے لے لے کر کھاتے۔
عورت جوان تھی اور مسکرانا جانتی تھی، پھر کیا تھا کالونی کے سارے لوگ اس پر لٹو ہو گئے ، کبھی کبھار چوری چھپے ادھر ادھر دیکھ کر موذن بھی دو چار آنے کے بھجیے خرید لے جاتا۔ چند ہی دنوں میں زبیدہ نے نیا چولھا بھی کھڑا کر لیا اور پراٹھے ڈالنے شروع کر دئیے ، اب برکت علی کے تنور کے سارے گاہک ا س کی طرف آ گئے۔
زبیدہ کے یہاں آنے سے اس کے بیوپار پر اوس پڑ گئی تھی، کبھی کبھار بھولے بھٹکے کوئی نیا گاہک اس کی طرف آ جاتا تو وہ تیزی سے اس کے ہاتھ میں روٹی تھماتے ہوئے اخلاق سے کہتا۔
’’ اور کیا چاہیے بھائی صاحب۔ ‘‘
اور بھائی صاحب دو روٹی کھا کر آہستہ سے کھسک جاتے۔
اس نے سوچا اگر چند دن یہ حال رہا تو اپنا تنور بند کرنا پڑ ے گا، پھر اس کا کیا حال ہو گا، اس فکر سے اس کا دل بیٹھا جا رہا تھا، نہ جانے کہاں سے آ دھمکی یہ سالی کمینی، دن میں تلن اور رات میں عصمت کا بیوپار، یہ بھی کوئی زندگی ہے ، اس سے تو موت بہتر ہے ، وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑایا۔
آج سویرے سے لے کر دس بجے تک برکت علی نے صرف پانچ روپے کا بیوپار کیا تھا جن میں سے ایک دو تو صرف ادھار ہی کھا کر چلے گئے تھے ، وہ انھیں ادھار اس لیے بھی دے رہا تھا کہ کہیں گاہک بھٹک نہ جائیں۔
زبیدہ کی جوانی کڑھائی میں پکنے والے تیل کی طرح گرم تھی، آگ کی روشنی میں اس کا خوبصورت چہرہ ہیرے کی طرح چمک اٹھتا اور لوگ بھجیے خریدتے وقت للچائی ہوئی نگاہیں اس کی گدرائی بانہوں پر ڈالتے ، اس کے سینے کے افقی حصے کو حریصانہ انداز میں آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر دیکھتے جن میں ہاتھوں کی حرکت سے ایک دلکش ابھار سا پیدا ہوتا۔
ادھر برکت علی گاہک نہ ہونے سے جماہیاں لیا کرتا، اب وہ چند مخصوص گاہکوں کے سہارے اپنی زندگی کو ہانکے جا رہا تھا، آہستہ آہستہ دھیمے دھیمے۔ کبھی کبھار کوئی نیا گاہک بھٹک کر اس کی طرف آ جاتا تو اسے اچنبھا سا ہوتا، لیکن ایسا موقع بھی اس وقت پیدا ہوتا جب زبیدہ کے ہاں کی ساری چیزیں بک چکی ہوتیں ، گویا اب برکت علی زبیدہ جیسی بے حیا عورت کے منہ سے اگلا ہوا جھوٹا نوالہ کھا رہا تھا اور اسے اس بات کا بے حد دکھ تھا۔
آج وہ بے حد اداس بیٹھا تھا، صبح سے دو ہی روپے کی بکری ہوئی تھی، آٹے والے کے الگ دس روپے قرض ہو گئے تھے۔ ایک وقت وہ بھی تھا جب اس کے ہاں چالیس سے اوپر بکری ہو جایا کرتی تھی لیکن آج وہ چپ چاپ بیٹھا مکھیاں مار رہا تھا۔ وہ ان ہی خیالات میں کھویا ہوا تھا کہ کسی کے قدموں کی دبی سی چاپ نے اسے چونکا دیا،یہ سنہری بالوں والا نوجوان تھا۔
’ ’ کہو اچھے تو ہو۔ ‘‘
’’ ہاں صاحب۔ ‘‘
برکت علی نے اس امید پر کہ وہ یہاں کھانے آیا ہے پلیٹ میں دو روٹی اور کٹورے میں دال کا پانی انڈیل دیا، وہ کھانے سے کترا رہا تھا۔
’’ کھاؤ بابو صاحب۔ ‘‘ برکت علی نے زور دیتے ہوئے کہا۔
’’ لیکن۔۔۔ لیکن ‘‘ وہ جیسے کہنے سے شرما رہا تھا۔
’’ لیکن ویکن کیا اب کھا بھی لو بابو صاحب۔ ‘‘
اس نے محبت سے لبریز لہجے میں کہا۔
’’ لیکن تم جانتے ہو میری جیب میں اس وقت ایک پائی بھی نہیں ہے ، کہیں تم اس نوجوان کی طرح میرے منہ پر بھی نہ تھوک دو، اس لیے ڈرتا ہوں۔۔۔ ‘‘
’’ برکت علی بے طرح ہنس پڑ ا، اس کے بادام ایسے بڑے بڑے دانت باہر نکل آئے پھر وہ یکایک سنجیدگی کا مجسمہ بن گیا۔ برکت علی معمولی آدمی ہوا تو کیا اس کے سینے میں بھی دل ہے ، ایک حساس دل جو بھلے اور برے آدمی کی تمیز رکھتا ہے۔ ‘‘ اس نے گمبھیر آواز میں کہا۔
سنہری بالوں والا نوجوان آنکھوں ہی آنکھوں میں برکت علی کا شکریہ ادا کرتا ہوا دور کہیں چلا گیا۔
دوسرے دن مہاجر کالونی میں پوسٹ مین برکت علی سے پوچھ رہا تھا۔
’’ کیا تم نیازی صاحب کو جانتے ہو، ان کا منی آرڈر آیا ہے اور یہ رسالہ بھی،پتہ غلط سا ہے۔ ‘‘
برکت علی کی نظر جب اس خوبصورت رسالے کی تصویر پر پڑ ی تو اس کا منھ کھلا کا کھلا رہ گیا، بالکل تنور کے منھ کی طرح!
٭٭٭

مہمان

’’ عورت دور ہی سے بھلی لگتی ہے۔ ‘‘
یہ بات کرشن چندر نے کہیں کہی تھی لیکن اب اس کے سامنے جو عورت کھڑی تھی وہ قریب سے بھی بڑی بھلی اور پیاری لگ رہی تھی، یہ عورت کوئی اور نہیں تھی اس کی اپنی بیوی تھی جو کسی گہری سوچ میں ڈوبی اپنے شوہر سے کچھ فاصلے پر کھڑی تھی۔ یہ فاصلہ بھی اس کی زندگی میں چپکے سے در آیا تھا، اس فاصلے کو پانے کے لیے اس نے محبتوں کے وہ سارے پھول نچھاور کیے جو اس کے بس میں تھے لیکن فاصلے تھے کہ بڑھتے ہی جا رہے تھے۔
وہ اس سے کن نعمتوں کی متمنی تھی، وہ اس سے کیا چاہتی تھی نہ اس نے کبھی اس سے پوچھا اور نہ کبھی اس نے بتایا۔
ایک دن اس نے دیکھا کہ اس کی بیوی آج ضرورت سے زیادہ خوش دکھائی دے رہی ہے ،برسوں بعد اس نے اپنی بیوی کو اس طرح مسرور دیکھا تھا۔
’’ کیا بات ہے بہت خوش دکھائی دے رہی ہو۔ ‘‘ جواباً اس نے کہا :
’’ میری خوشی بھی تو آپ سے دیکھی نہیں جاتی، آپ تو یہی چاہتے ہیں نا کہ میں سدا روتی رہوں۔ ‘‘
وہ خوشی جو اسے خوش دیکھ کر اس کے دل میں پیدا ہوئی تھی اس کے کڑوے کسیلے جملے کے بعد جیسے مر چکی تھی۔
وہ دونوں اندر ہی اندر سلگتے رہے ، دونوں پر ایک چپ سی طاری تھی، پھر ایک دن ایسا ہوا کہ اس کی پوسٹنگ کسی دیہات میں ہو گئی، اس نے سوچا شاید مقام کی تبدیلی اس کی اداسی کا مداوا بن جائے لیکن وہ حیران سا ہو گیا جب اس کی بیوی نے اس کے ساتھ چلنے سے انکار کر دیا۔ وہ اب ایک دورا ہے پر کھڑا تھا، اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ وہ اب کیا کرے ، پھر اس نے محبت اور برہمی کے ملے جلے جذبات میں کہا دیکھو میری بات مانو میں تمھیں تنہا اس گھر میں چھوڑ کر جا نہیں سکتا، تمھیں میرے ساتھ چلنا ہی ہو گا، یہ میرا فیصلہ ہے۔
’’ آدمی ہمیشہ فیصلے غلط کرتا ہے اور بعد میں پچھتاتا ہے۔ ‘‘
’’ آخر میں بھی تو جانوں کہ۔۔۔ تم میرے ساتھ کیوں چلنا نہیں چاہتی ہو، ایسی صورت میں جب کہ اس گھر میں میرے اور تمھارے علاوہ کوئی نہیں۔ ‘‘
’’ ایسا آپ کیوں سمجھتے ہیں کہ میں تنہا ہو ں، وہ آ رہے ہیں جنھیں آپ نے آج تک نہیں دیکھا۔۔۔ ‘‘
’’ آخر کون ہے وہ مردود۔ ‘‘
’’ بھڑک اٹھے نا آخر۔ ‘‘
’’ میں نے کہا نا کہ آدمی فیصلہ غلط کرتا ہے ،اس مردود کا انتظار کیجیے ، اس کے سامنے آپ کو جھکنا پڑ ے گا۔ ‘
اب تو اس کا دماغ بھنا اٹھا، یہ تو اعلانیہ اس کے ساتھ بے وفائی تھی، بیوی کی اس ڈھٹائی پر اسے غصہ آ رہا تھا۔ اس نے سوچا، اب ایک ہی راستہ ہے اور وہ راستہ ہے صاف علیحدگی۔۔۔ اچھا ہوا وہ کسی بچے کے جھمیلے میں نہیں پڑ ا، پھر اس نے یک لخت بیوی سے بات بند کر دی، اب اسے آنے والے مہمان کا انتظار تھا، اس مردود کا جس نے اس کی زندگی میں نفرت کے بیج بوئے تھے ، جس نے اسے کہیں کا نہ رکھا تھا، اب اسے ایک ایک دن پہاڑ کی طرح لگ رہا تھا، آخر وہ ذلیل یہاں کب آئے گا جب وہ اس کا گریبان پکڑ کر اسے خوب پیٹے گا۔
اس نے دیکھا اس کی بیوی آئینے سے لگی اپنے چہرے پر غازہ مل رہی تھی، شاید وہ آنے ہی والا ہو، اس کا خون کھول رہا تھا، پھر اس نے دیکھا وہ بن سنور کر دروازے میں کھڑی محلے کے کسی لڑکے سے کہہ رہی تھی کہ وہ نکڑ سے ٹیکسی یا آٹو لے آئے ، تھوڑی دیر بعد آٹو کی گڑگڑاہٹ اسے سنائی دی۔۔۔ ‘‘
میں جا رہی ہوں،آپ بھی اگر مناسب سمجھتے ہوں تو میرے ساتھ چل سکتے ہیں ، اس نے کوئی جواب نہیں دیا، اس نامعقولیت کا کیا جواب ہو سکتا تھا، بس ایک ہی راستہ تھا کہ اسے ہمیشہ کے لیے چھٹی دے دی جائے۔
وہ کمرے میں ادھر سے ادھر یوں ہی ٹہل رہا تھا جیسے وہ آج قطعی کوئی فیصلہ کر کے ہی رہے گا، بھلا یہ بھی کوئی زندگی ہے کہ اس کی بیوی اس کے ہوتے ہوئے کسی کا انتظار کرے۔ آٹو کی گڑگڑاہٹ نے اسے چونکا دیا اسے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ اس کی بیوی تنہا آٹو سے اتر رہی تھی، اس کے ساتھ کوئی اور نہ تھا۔
میرے ہاں سو کا نوٹ ہے، آپ تین روپے آٹو والے کو دے دیجیے ، اس کے ہاں چینج (Change) نہیں ہو گا۔
وہ چپ رہا جیسے اس نے اس کی بات سنی ہی نہ ہو، پھر اس نے آٹو والے سے کہا۔
’’ میرے پاس تو سو کا نوٹ ہے۔ ‘‘
’’ آپ پریشان نہ ہوئیے میرے پاس چینج ہے۔ ‘‘
ڈرائیور کے اس جواب پر وہ حیران ہو کر رہ گئی، اس وقت یقین آیا جب ڈرائیور نے اس کے ہاتھ میں پورے روپے تھما دئیے۔
’’ آپ سے اچھا تو وہ ڈرائیور ہے جس کے ہاں سو روپے نکل آئے۔ ‘‘
وہ اس زہریلے جملے کو بھی پی گیا لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ وہ کسی وقت بھی اس کی بوٹی نوچ دے گا، اس کے ایک ایک ع۔ ضو کو کاٹ کر رکھ دے گا، اس کا گلا گھونٹ کر وہ اس کے باپ کو اطلاع دے گا جس نے اس کی صورت آج تک نہیں دیکھی، جس نے صرف اس کی شادی پر اپنی رضامندی ٹرنک کال کے ذریعے ظاہر کی تھی، آج تک اس نے کبھی یہ نہیں پوچھا کہ اس کا داماد کس حال میں ہے ، اس کی بیٹی کیا کر رہی ہے ، اسے تو اپنی دوسری بیوی کی آغوش سے ہی فرصت نہیں، اور علیحدگی کی اطلاع اسے ملے گی تو وہ شرمندگی سے خود کشی کر لے گا، اس کے لیے یہی سزا کافی ہے۔
اچانک اس کی نگاہیں دیوار پر ٹنگی تصویر پر گئیں۔ کتنا خبیث چہرہ ہے،آنکھوں میں کتنی درندگی ہے ، ایسا لگتا ہے جیسے سارے درندے اسی خاندان کے فرد ہوں ، مگر اسے اس کے خسر سے کیا لینا دینا، سب کچھ کیا دھرا تو اس کی بیوی کا ہے۔
’’ عجیب ہے تمھارا شوہر بھی، محلے کا ایک آدمی بھی اسے جانتا نہیں ، مجھے پتہ ڈھونڈنے میں بڑی تکلیف ہوئی۔ ‘‘
’’ مگر تم اسٹیشن کیوں نہیں آئیں ؟‘‘
’’ آئی تو تھی مگر آپ نظر ہی نہیں آئے۔ ‘‘
پھر اسے لگا جیسے کوئی اس کی بیوی کے خوبصورت گالوں کو چوم رہا ہو۔
اس نے دیکھا واقعی ایک ادھیڑ عمر کا آدمی گہرے نیلے رنگ کے سوٹ میں ملبوس اسے چوم رہا تھا۔
اسے لگا جیسے کمرے میں ٹنگی ہوئی تصویر کا بوڑھا مسکراتا ہوا اس کے قریب آ رہا ہو۔
٭٭٭

ریت اور چشمہ

وہ کمرے سے نکل کر جب ڈرائنگ روم میں داخل ہوا تو اس نے دیکھا کہ ایک اونچے قد کا سانولا سلونا اجنبی کرسی میں دھنسا ہوا بڑی بے نیازی سے سگریٹ کے مرغولے فضا میں بکھیر رہا تھا۔ پہلے وہ قدرے جھجکا، اچانک اسے یوں لگا جیسے وہ غلطی سے دوسرے مکان میں داخل ہو گیا ہو۔
’’ معاف کیجیے گا۔ ‘‘
اجنبی نے اس کے چہرے پر آئی حیرانی کو پڑھتے ہوئے کہا۔
’’ مجھے انجم آفتاب کہتے ہیں ، میں آپ کے برابر والے مکان میں رہتا ہوں ، بیگم نے کہا تھا کہ میں ذرا آپ کے ہاں ہو آؤں ، وہ بھی تھوڑی دیر ہی میں غالباً آپ لوگوں سے ملنے آئے گی۔ ‘‘
اس کے ہونٹوں پر پھیکی مسکراہٹ رینگنے لگی اور وہ بغیر کچھ سوچے سمجھے کہہ اٹھا : ’’ ضرور انھیں تشریف لانے کو کہیے گا۔ ‘‘
اس نے جیب سے گولڈ فلیک کا پیکٹ نکالا، ایک سگریٹ خود سلگایا اور ایک اس کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا۔
’’ کیا آپ سگریٹ کا شوخ رکھتے ہیں ؟‘‘
’’ کبھی کبھار پی لیتا ہوں ، ویسے آپ کا اصرار ہو تو پی لوں گا۔ ‘‘
’’ سگریٹ پینا اچھی عادت تو نہیں جس کے لیے میں آپ سے اصرار کروں۔ ‘‘
اس کے سگریٹ پینے کا موڈ بھی اس جملے کے بعد کافور ہو کر رہ گیا، تھوڑی دیر باتیں ہوتی رہیں ، اسی دوران وہ اچانک اٹھ کر کھڑا ہوا جیسے اسے کوئی ضروری کام یاد آ گیا ہو۔
’’ اچھا اب مجھے اجازت دیجیے ، بیگم میرا انتظار کر رہی ہو گی۔ ‘‘
یہ کہہ کر وہ چلا گیا، جب وہ چلا گیا تو اس نے سکون کا سانس لیا۔
تھوڑی دیر بعد اماں بی کے کمرے سے باتوں کی آواز آ رہی تھی۔
’’ بیٹا تجھ سے مل کر بڑی خوشی ہوئی ہے ، مجھے تو لگتا ہے جیسے میری زہرہ پاکستان سے آ گئی ہے ، وہی صورت، وہی آنکھیں ،وہی قد، تم میں اس میں ذرا برابر بھی فرق نہیں ، مقتدر سے ملو گی بیٹا، بڑا پیارا لڑکا ہے لیکن ہے ذرا شرمیلا، عورتوں سے دور بھاگتا ہے ، اب یہی دیکھو نا اپنی بھانجی سے آنکھیں ملا کر باتیں کرتے ہوئے بھی لڑکیوں کی طرح شرما جاتا ہے۔
کمرے میں اچانک ہنسی کی جھانجھنیں بج اٹھیں ، اور وہ شرم سے پانی پانی ہو کر رہ گیا۔
’ ’ ماں بھی عجیب ہے ، بھلا اس قسم کی باتیں نئے پڑوسی سے کرنی چاہئیں۔ ‘‘
’’ امی مقتدر کس کلاس میں پڑھتے ہیں۔ ‘‘
’’ ابھی ابھی تو اس نے بی۔ اے کیا ہے۔ ‘‘
’’ مقتدر بیٹا۔۔۔ مقتدر۔۔۔ ‘‘ ماں کی آواز گونجی۔
وہ جی آیا کہتا ہوا انجم آفتاب کی بیگم کو دیکھا اور اس کا دل دھک سا ہو کر رہ گیا۔ وہی بوٹا سا قد، وہی کھلتا ہوا رنگ، وہی نڈھال سی خوبصورت آنکھیں اتنی مشابہت کہ آدمی حیران رہ جائے،اسے یوں لگا جیسے وہ پھر ایک بار اپنی زہرہ سے مل رہا ہو۔ اس نے لرزتے ہوئے ہاتھوں سے آداب کیا، سلام کا جواب دیتے ہوئے اس نے اسے آنکھوں ہی آنکھوں میں بغور دیکھا، پتہ نہیں کیوں ، پھر وہ چلا آیا اور وہ بھی تھوڑی دیر بیٹھنے کے بعد اپنے گھر چلی گئی۔
اسے وہ منحوس شام آج بھی یاد ہے ، جب اس نے اسے الوداع کہا تھا اور جب وہ آخری بار گلے لگاتے ہوئے رخصت ہو رہا تھا تو ضبط کے باوجود اس کی آنکھوں سے جھر جھر آنسو بہہ رہے تھے۔
وہ کہہ رہی تھی۔۔۔ باؤلا کہیں کا،ایسے رو رہا ہے جیسے میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے تجھ سے جدا ہو رہی ہوں۔
زہرہ سے اسے بڑی محبت تھی، ظاہر ہے ایک بھائی کو اپنی بہن سے محبت ہی ہوتی ہے ، اماں بی کی تو وہ زندگی ہی تھی،مگر وہ ماں سے خفا ہو کر چلی گئی تھی، وہاں اس کا شوہر تھا، زندگی تھی ! پتہ نہیں اماں بی اسے اپنے شوہر کے پاس بھیجنا کیوں پسند نہیں کرتی تھیں ، شاید حد سے بڑھی ہوئی محبت کا جنون ہو۔
وہ پچھلی یادوں کے زخموں کو کرید رہا تھا کہ دفعتہً کسی نے مکان پر دستک دی۔ اس نے کھڑکی سے باہر جھانک کر دیکھا، ایک لمبے لمبے بالوں والا خوبصورت نوجوان ہاتھ میں چھوٹا سا چرمی بیگ تھامے پاؤں تھرکاتا ہوا کھڑا تھا۔
’’ انجم صاحب ہیں۔ ‘‘
’’ انجم صاحب سامنے کے مکان میں رہتے ہیں۔ ‘‘
اس نے شکریہ ادا کیا اور سامنے جا کر دستک دی۔
کھڑکی کھلی اور شیشے میں سے دو خوبصورت آنکھیں چمکنے لگیں ، ہونٹ ہلے اور مہین سی پیاری آواز آئی، آئندہ ماہ کسی طرح روپے بھجوا دوں گی، آپ فکر نہ کریں۔
آنے والے نوجوان کے چہرے پر خفگی کا دور دور تک نشان نہ تھا، وہ جی اچھا کہتا ہوا چلا گیا اور اسے یوں لگا جیسے بیگم مقروض ہے ، پتہ نہیں اسے کن مجبوریوں نے قرض لینے پر مجبور کیا تھا۔
تھوڑی دیر بعد اماں بی نے ڈرائنگ روم میں آ کر اس سے کہا۔
بیگم آئی ہوئی ہے اور تجھ سے ملنا چاہتی ہے۔
اچانک اس کا ہاتھ میز پر رکھے ہوئے کنگھے کی طرف گیا اور دوسرے ہی لمحہ وہ شیشے کے سامنے کھڑا اپنے بے ترتیب بالوں کو سنوار رہا تھا۔
کسی سے دو چار باتیں کرنے کے لیے بال سنوارنے کی کیا ضرورت ہے ؟
آئینے میں سے اس کے اندر کے انسان نے دھیمے انداز میں کہا، یکبارگی اسے ایسا لگا جیسے وہ اپنے آپ کو فریب دے رہا ہو۔
وہ چپکے سے آ کر اماں بی کے قریب بیٹھ گیا، اس نے بیگم کو سلام کے لیے ہاتھ اٹھایا ہی تھا کہ اس نے خود پہل کر دی۔
’’ بڑا شرمیلا ہے ، آداب و سلام سے تک شرماتا ہے ، بڑے لاڈ و پیار میں پلا ہے نا اس لیے۔۔۔ گفتگو کی تان ٹوٹی تو انھیں بیگم کو چائے پلانے کا خیال آیا اور وہ جھٹ اٹھ کر باورچی خانے کی طرف چلی گئیں۔
پانچ منٹ تک یوں ہی خاموشی طاری رہی، اس نے جب قدرے اپنے سر کو اٹھایا تو وہ اس کے چہرے کو بغور دیکھ رہی تھی۔
’’ کیا آپ نے چپ کا روزہ رکھا ہے ایسی بھی کیا بے خبری کہ سامنے بیٹھا ہوا انسان بھی نظر نہ آئے۔ ‘‘
’’ بات دراصل یہ ہے کہ میں ذرا کم آمیز ہوں ، اس لیے دیر میں کھلتا ہوں۔ ‘‘
’’ تو حضور آپ کھلتے بھی ہیں ، اس نے مجھے بڑی جرات کے ساتھ چھیڑتے ہوائے کہا۔ ‘‘
’’ جی ‘‘ اس کا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا اور وہ بے ساختہ ہنس پڑ ی اور لمبے لمبے سیاہ بالوں کی دو خوب صورت لٹیں اس کے شانوں پر آ کر کانپنے لگیں اور وہ شرم و حیا کے بوجھ تلے دب سا گیا۔
دو منٹ پھر سناٹا طاری رہا۔
’’ آفتاب صاحب سے پہلی ملاقات کے بعد پھر دوبارہ ملاقات ہی نہ ہو سکی۔ ‘‘
’’ آپ نے ان کے ساتھ سرد مہری برتی ہو گی تب ہی تو وہ آپ سے بغیر ملے لکھنو چلے گئے۔
کیا آپ سمجھتی ہیں کہ میں اتنا غیر مہذب ہوں ، اس پر وہ بجائے کچھ کہتی ایک بے ساختہ قہقہہ اس کے حلق سے ابل پڑ ا اور اسے یوں لگا جیسے کسی نے پیانو کی پتیوں پر تیزی سے ہاتھ پھیر دیا ہو۔
اسی دوران اماں بی چائے کی کشتی ہاتھ میں تھامے آ دھمکیں اور بات آگے نہ بڑھ سکی۔ ارے تم دونوں اب تک چپ چاپ بیٹھے ہو، بیٹا یہ ہماری مہمان ہے کچھ تو اچھی باتوں سے دل بہلایا ہوتا۔ ‘‘
’’ ماں اچھی باتیں تو رہیں ایک طرف آپ ان کی زبان کے تالے تو کھول دیجیے۔ ‘‘
’’ ماں مجھے محسوس ہو رہا ہے یا تو وہاں زہرہ بدل گئی ہے یا میں خود یہاں بدل گیا ہوں۔ ‘‘
’’ کیا زہرہ کا خط آیا ہے بیٹا۔ ‘‘ اماں بی کی آواز اچانک بھرا گئی۔
وہ کچھ جواب دیے بغیر وہاں سے اٹھ آیا اور ڈرائینگ روم میں آ کر کرسی پر دھڑام سے گر گیا۔ آج اس کا جی چاہ رہا تھا کہ وہ جی بھر کر روئے ، لیکن آنسو پلکوں کے کنارے پر ہی آ کر ٹھہر گئے تھے ، اس نے آنکھیں بند کر لیں ، یکبارگی اسے احساس ہوا جیسے کوئی اس کے سرہانے کھڑا ہو، لیکن یہ اس کا واہمہ تھا، اس دن کے بعد بیگم پھر کبھی اس کے گھر نہیں آئی۔
ایک اداس شام کو دریا گنج کے چورا ہے پر اچانک آفتاب سے اس کی مڈبھیڑ ہو گئی، بکھرے بکھرے پریشان سے بال، شیروانی کے بٹن کھلے ہوئے ، بیک نظر دیکھنے سے اندازہ ہوتا تھا کہ کسی سے جھگڑا کر آیا ہے ، آفتاب نے اسے دیکھتے ہی کہا۔
’’ بتاؤ بیگم کہاں ہے ؟ ‘‘
اس کی آواز غصہ اور نفرت سے بھری ہوئی تھی۔
’’ نہیں بتاؤ گے ، میں تمھیں جیل بھجوا دوں گا، تم ہی نے اسے اغوا کیا ہے میں اس بچی کو کتنا چاہتا تھا، بھائی مرحوم کی وہ ایک نشانی ہی تو تھی۔ ‘‘
اس کا دل دھک سا ہو کر رہ گیا، کیا بیگم آفتاب کی بیوی نہیں تھی، کیا وہ غیر شادی شدہ تھی، وہ سوچ کی گہرائیوں میں ڈوب گیا۔
آفتاب چلّاتا رہا لیکن اس نے اس کی ایک بات کا بھی جواب نہیں دیا، وہ آخری بار غصے سے چیختا ہوا اسے عدالت کی دھمکی دے کر تیز تیز قدم بڑھاتا ہوا کہیں چلا گیا۔
وہ گھر میں داخل ہوا تو ماں نے خوشی سے اسے ایک خط دیتے ہوئے کہا۔
’’ زہرہ اس ہفتے یہاں آ رہی ہے بیٹا۔ ‘‘
’’ زہرہ اب یہاں نہیں آئے گی ماں ، وہ تو بہت دور چلی گئی ہے ! ‘‘
٭٭٭

وہ آدمی

میں جب آفس سے لوٹ کر گھر پہنچا تو میری بیوی نے بڑے ناگوار لہجے میں کہا۔ ’’ وہ اب تک تین دفعہ گھر کے چکر کاٹ چکا ہے اور پھر دوبارہ آنے کی دھمکی دے گیا ہے ، مجھے حیرت ہے کہ ایسا اوباش آدمی بھی تمھارا دوست ہو سکتا ہے۔ ‘‘
’’ کیا تم نے اس کا نام پوچھا تھا ؟ ‘‘ میں نے جز بز ہو کر کہا۔
’’ نام تو میں نے نہیں پوچھا دراصل میں اس کے چہرے کو دیکھ کر ہی ڈر گئی، اس کی پیشانی پر زخم کا ایک گہرا نشان ہے ، سر لمبوترا اور ناک بھی بھدی اور چپٹی، صورت سے قاتل لگتا ہے ، ایک دم غنڈہ۔ ‘‘
میں سوچنے لگا، اس حلیے والا کون ہو سکتا ہے ؟ میری تشویش بڑھتی جا رہی تھی، اب سوائے اس کے کوئی چارہ نہیں تھا کہ اس کا انتظار کیا جائے ، میرا سارا دھیان اسی کی طرف تھا، کون ہو گا وہ ؟ پیشانی پر زخم کا گہرا نشان ! اس کا مطلب یہی ہے کہ وہ شروع ہی سے لڑاکا ہو گا، جھگڑالو، کمینہ۔۔۔ !
میں اسی سوچ میں تھا کہ معاً کسی نے کال بیل پر انگلی رکھی، آواز کے ساتھ ہی میں گھر سے نکل پڑ ا، باہر دور تک کوئی نہ تھا تاہم میں کافی دیر باہر ہی کھڑا رہا۔ میں غصے میں ڈوبا ہوا واپس آ کر ابھی بستر پر لیٹا ہی تھا کہ پھر کال بیل کی آواز میرے کانوں میں زہر گھولنے لگی، میں تھوڑی دیر یوں ہی پڑ ا رہا لیکن کال بیل کی آواز وقفے وقفے سے آتی رہی،ایسا لگتا تھا جیسے کال بل پر انگلی جمائے رکھنے والا آدمی مجھ سے ملے بغیر نہیں جائے گا، ظاہر ہے وہ وہی ہو گا جس کا مجھے انتظار ہے۔ میں نے احتیاطاً کھڑکی میں جھانک کر دیکھا، اس کا چہرہ مجھے نظر نہیں آ رہا تھا، تھوڑی دیر کی تگ و دو کے بعد میں نے اسے دیکھ ہی لیا، وہ میرے دوست کا بڑا لڑکا تھا، وہ مردود نہیں تھا جس کا مجھے شدید انتظار تھا، میں نے بچے کو اندر بلایا، میری بیوی دروازے کے قریب ہماری باتیں سننے کے لیے کان لگائے کھڑی تھی۔ ظفر کا بڑا لڑکا مجھے بلانے آیا ہے۔ ‘‘ مگر اس نے شاید میری بات سنی نہیں ، بدستور دروازے ہی میں کھڑی رہی۔
’’ کہو کیا مجھے ابھی چلنا ہو گا، ظفر تو ٹھیک ہے نا ؟
’’ با با کل رات سے پریشان ہیں ، ایک خراب صورت والا آدمی تین بار ہمارے گھر آیا تھا۔ ‘‘ لڑکے نے دھیمے لہجے میں کہا۔
’’ تین بار۔۔۔ ؟‘‘
’’ ہاں تین بار۔۔۔ صبح۔۔۔ دوپہر اور شام، وہ اب اسی کے انتظار میں بیٹھے ہیں۔
’’ کیا اس کے چہرے پر زخم کا گہرا نشان تھا۔ ‘‘
’’ ہاں۔ ‘‘
’’ اور کیا چہرہ چپٹا سا تھا۔ ‘‘
’’ شاید ایسا ہی۔۔۔ ! ‘‘
’’ شاید سے تمھاری کیا مراد ہے ، کیا تم نے اسے نہیں دیکھا۔۔۔ ؟‘‘
’’ دیکھا ضرور ہے لیکن چہرہ پوری طرح ذہن میں نہیں ہے ،لیکن کوئی تین بار مسلسل گھر آئے اور چوتھی بار بھی آنے کے بارے میں کہہ جائے تو اس میں گھبرانے کی کیا بات ہے۔۔۔ ؟‘‘
’’ کیا ظفر گھبرا رہا تھا۔۔۔ ؟‘‘
’’ہاں۔۔۔ !‘‘
میں دل ہی دل میں خوش تھا کہ میری طرح دوسرا بھی پریشان ہو سکتا ہے۔
’’ کیا تمھیں اس کا چہرہ دیکھ کر وحشت نہیں ہوئی ؟‘‘
’’ ذرا بھی نہیں۔۔۔ !‘‘
مگر مجھے پہلے یہ بتاؤ کہ اس کے آنے کی اطلاع ظفر کو تم نے دی یا ممی نے ؟‘‘
’’ میں نے۔۔۔ ‘‘
ممی کو اس بات کا علم تھا کہ وہ تین بار گھر آ چکا ہے۔۔۔ ؟
’’ ہاں۔۔۔ !‘‘
’’ کیا ممی کے چہرے سے کوئی پریشانی، غصہ یا برہمی کا اظہار ہو رہا تھا۔۔۔ ؟‘‘
’’ وہ مطمئن تھیں کہ کوئی غرض مند ہو گا جو اپنے کسی کام کے سلسلے میں آیا ہو گا۔ ‘‘
’’ تمھیں کیسے پتہ۔۔۔ ؟‘‘
’’ وہ مجھ سے کہہ رہی تھیں ، تمھارے ابا ذرا ذرا سی بات پر گھبرا جاتے ہیں ، وہ آدمی ان سے کیوں ملنے آیا تھا اسی بارے میں وہ گھنٹوں سوچیں گے ، اگر ہر کوئی ذرا سی بات کا مسئلہ بنا لے تو جینا دوبھر ہو جائے۔ ‘‘
’’ممی کی کہی ہوئی یہ ساری باتیں کس طرح یاد رہ گئیں۔۔۔ ؟‘‘
’’ آج ہی تو کچھ اسی طرح کی باتیں کہی تھیں انھوں نے۔ ‘‘
’’ کیا یہ سب باتیں ظفر نے بھی سنی تھیں۔۔۔ ؟‘‘
’’ کچھ پتہ نہیں۔۔۔ ‘‘
اور تھوڑی دیر بعد میں ظفر کے گھر کے سامنے کھڑا تھا۔
’’ اندر آ جاؤ یار۔۔۔ ‘‘ اس نے گھبراہٹ بھرے لہجے میں کہا۔
’’ کیا بات ہے بہت پریشان لگ رہے ہو۔۔۔ ؟‘‘
’’ ہاں بات ہی کچھ ایسی ہے ، ایک بد ہیئت لوفر ٹائپ کا آدمی کوئی تین بار مجھ سے ملنے گھر آیا تھا، کم بخت نے اپنا نام نہیں بتایا اور چوتھی بار پھر آنے کی دھمکی دے گیا ہے ، میں اسی کے انتظار میں ہوں ، احتیاطاً تمھیں بلوا لیا ہے۔ ‘‘
’’ ارے بھئی اس میں پریشانی کی کیا بات ہے ؟ ہو گا کوئی بے چارہ، تم سے کوئی کام نکلوانا چاہتا ہو گا۔ ‘‘
مگر وہ میری اس دلیل سے مطمئن نظر نہیں آ رہا تھا، وہ بدستور پریشان لگ رہا تھا، گو میں بھی اسی کی طرح اندر ہی اندر پریشان تھا لیکن بظاہر اپنے آپ کو مطمئن ظاہر کرتے ہوئے جب میں نے اس سے جانے کی اجازت چاہی تو اس نے ہڑبڑا کر دوبارہ کہا۔ ’’ یار تھوڑی دیر ہی سہی رک جاؤ، پتہ نہیں مجھے کیوں ڈر لگ رہا ہے۔ ‘‘
میں نے اس کی التجا کی لاج رکھ لی اور وہیں ٹھہر گیا، اب وہ میری موجودگی سے قدرے مطمئن نظر آ رہا تھا، اس نے چائے پلوانے کے بعد مجھے رات کے کھانے پر روک لیا۔ دراصل وہ ایک طرح وقت کو طول دینا چاہتا تھا تاکہ وہ مردود میری موجودگی میں آ جائے لیکن دو گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی وہ نہیں آیا تو میں اپنے گھر چلا آیا۔
میں نے ابھی دہلیز پر قدم رکھا ہی تھا کہ میری بیوی نے وحشت زدہ لہجے میں کہا۔ ’’ کیا وہ راستے میں ملا نہیں ، وہ ابھی ابھی یہاں سے گیا ہے ، وہ کافی دیر باہر ہی انتظار کرتا رہا، مجھے تو خوف محسوس ہو رہا ہے کہ آئندہ کوئی ایسی ویسی بات نہ ہو جائے ،کوئی خاص بات ہو گی تب ہی تو وہ بار بار آ رہا ہے۔ ‘‘
’ ’ مگر وہ کمینہ گھر پر چٹھی بھی تو چھوڑ جا سکتا تھا، لیکن یہی حادثہ ظفر کے ساتھ بھی کیوں ہو رہا ہے ؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ بیک وقت ہم دونوں کو پریشان کرنا چاہتا ہو ؟ وہ یقیناً ظفر کے گھر بھی گیا ہو گا، پتہ نہیں اس بے چارے پر کیا بیت رہی ہو گی۔۔۔ ہو سکتا ہے کہ اس نے گھر میں بیٹھ کر ’’ نہیں ہیں ‘‘ کہلوا دیا ہو۔ میں اس شش و پنج میں تھا کہ اس کا سدِ باب کس طرح ہو ؟ ایک صورت یہی تھی کہ اس کا مقابلہ کیا جائے ، اسے اتنا مارا پیٹا جائے کہ وہ لہولہان ہو جائے لیکن اس نے کیا ہی کیا تھا۔۔۔ !
یہی سوچتے سوچتے جانے کب میری نیند لگ گئی، صبح جب میں بستر سے اٹھا تو سارا بدن پھوڑے کی مانند دکھ رہا تھا۔
’’ کیا یہ ممکن نہیں کہ آج تم دفتر نہ جاؤ اور معلوم کرو کہ آخر وہ غنڈہ کون ہے ؟ ‘‘
’’ بھئی آفس تو جانا ہی ہو گا، کوئی رخصت بھی تو نہیں ہے۔ ‘‘ مگر وہ میرے اس جواب سے ناراض ہو گئی اور میں آفس چلا آیا، ظفر کی سیٹ خالی دیکھ کر مجھے اچنبھا ہوا کہ کہیں ایسی ویسی بات نہ ہو گئی ہو، میں ابھی کرسی پر بیٹھا میز پر بکھرے ہوئے کاغذات کو یکجا کر ہی رہا تھا کہ چپراسی نے آ کر کہا۔
’’ بڑے صاحب نے آپ کو یاد کیا ہے۔۔۔ ‘‘
پھر بیل بجتے ہی چپراسی دوڑا دوڑا صاحب کے روم میں داخل ہو گیا اور ساتھ ساتھ میں بھی۔۔۔ کوئی آدمی بڑی صاحب کے پاس بیٹھا باتیں کر رہا تھا، اس کی پشت میری جانب تھی، اس لیے میں اس کا چہرہ دیکھ نہ سکا، جب وہ اٹھ کر جانے لگا تو میرا سر چکرا کر رہ گیا، اس کی پیشانی پر زخم کا گہرا نشان تھا اور ناک بھدی اور چپٹی تھی۔
جب وہ چلا گیا تو میں نے چپراسی سے پوچھا۔
’’ کون آدمی تھا وہ۔۔۔ ؟‘‘
ارے وہ چپٹی ناک والا۔۔۔ !! کیا وہ آپ کے پاس بھی آیا تھا۔۔۔ ؟ میں نے رندھے ہوئے لہجے میں کہا۔ ’’ ہاں۔ ‘‘
’’ اس میں پریشانی کی کیا بات ہے ، آپ سرے سے انکار کر دیجیے ، صاحب نے بھی ایسا ہی کیا ہے۔۔۔ !!‘‘
٭٭٭

کمرہ نمبر ۲۸

ٹیلی فون کی گھنٹی بجی اور ساتھ ہی ایک مانوس سی آواز آئی۔
’’ کہاں رہتے ہو یار، وہ کل جا رہا ہے ، مل لو شاید پھر موقع نہ ملے۔ ‘‘
’’ کیا تم اس کے مرنے کی پیشین گوئی کر رہے ہو۔ ‘‘
’’ نہیں یار مریں اس کے دشمن، لیکن پتہ نہیں مجھے ایسا کیوں احساس ہو رہا ہے کہ شاید اس سے یہ ہماری آخری ملاقات ہو۔ ‘‘
جب وہ ہوٹل پہنچا تو وہاں کاؤنٹر پر اسے ایک جانا پہچانا لڑکا دکھائی دیا۔
’’ روم نمبر ۲۸ اوپر ہی ہے نا۔ ‘‘
’’ ہے تو مگر۔۔۔ ‘‘
‘‘ کیا مطلب ؟‘‘
بات صرف اتنی ہے کہ اوپر کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہے ، اب یہی دیکھیے نا وہاں لان میں جو جوان لڑکی بیٹھی ہوئی ہے وہ بھی وہیں جانا چاہتی ہے۔ اس نے پلٹ کر لڑکی کو دیکھا، وہ وضع قطع سے بڑی مہذب لگ رہی تھی، صورت شکل معمولی سی تھی لیکن اپنے دراز قد میں اس نے اپنے اس عیب کو جیسے چھپا لیا تھا۔
ابھی وہ کچھ سوچ ہی رہا تھا کہ لڑکی نے قریب آ کر کہا۔
’’ کیا آپ بھی کمرہ نمبر ؟
ہاں مگر پتہ نہیں منیجر ہمیں اوپر جانے سے روک رہا ہے۔
اس نے کاؤنٹر پر پہنچ کر احتجاجاً منیجر سے کہا :
’’ عجیب بات ہے ہم کمرہ نمبر ۲۸ میں جانا چاہتے ہیں ، آپ نے خواہ مخواہ ہمارے درمیان ایک دیوار سی کھڑا کر دی ہے۔ ‘‘
’’ بند کمرے میں جا کر کیا کریں گے آپ۔۔۔ ؟‘‘
’’ مجھے بلوایا گیا ہے ،کنکشن دیجیے اور۔۔۔ ‘‘
’’کمرہ نمبر ۲۸ کا فون خراب ہو چکا ہے ، آپ تو آپ، خود میں وہاں جا نہیں سکتا، سچویشن ہی کچھ ایسی ہے۔‘‘
وہ لڑکی کمرہ نمبر ۲۸ میں جانے کے لیے بے چین تھی، وہ اب پریشان لگ رہی تھی۔
’’ آپ کمرہ نمبر ۲۸ میں کیوں جانا چاہتی ہیں جب کہ کمرہ اندر سے بند کر دیا گیا ہے۔ ‘‘
’’ یہی سوال میں آپ سے پوچھ سکتی ہوں۔ ‘‘
’’ لیکن میری بات علیحدہ ہے ، وہ میرے دوست کا دوست ہے اور میں اس کے مداحوں میں سے ہوں۔ "
’’ میرا کیس بالکل جدا ہے ، صبح جب میں دفتر جانے کے لیے نکلی تو مجھے اطلاع ملی کہ وہ اس ہوٹل کے کمرہ نمبر ۲۸ میں ٹھہراؤ ہوا ہے۔ اسی دوران لڑکیوں اور لڑکوں کا ایک غول نمودار ہوا، کسی نے بڑے رازدارانہ انداز میں ہوٹل کے منیجر سے پوچھا۔
’’ ۲۸ ‘‘ کا کیا حال ہے ؟ ‘‘
’’ وہی حال ہے جو اس وقت میرا ہے۔ ‘‘ منیجر نے بوکھلاتے ہوئے کہا، صبح سے ہر آدمی کی نگاہ کمرہ نمبر ۲۸ ہی پر لگی ہوئی ہے ، ہر آدمی وہیں جانا چاہتا ہے اور مجھ پر اخلاقی پابندی لگا دی گئی ہے کہ میں کسی کو وہاں پہنچنے نہ دوں۔
ہمارے ہوٹل کے لیے یہ سب سے انوکھا واقعہ ہے،اس نے اپنے آنے کی اطلاع پریس کو بھی نہیں دی تھی، پتہ نہیں کس طرح یہ خبر لوگوں تک پہنچ گئی کہ وہ یہاں ٹھہرا ہوا ہے ، بہرحال میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ وہاں جا کر اسے ڈسٹرب نہ کریں۔ ‘‘
’’ طبیعت تو ٹھیک ہے نا ان کی۔ ‘‘ لڑکی نے منیجر سے پوچھا۔
’’ میں نے کسی ڈاکٹر کو تو اوپر جاتے نہیں دیکھا۔ ‘‘
’’ پھر انھوں نے اندر سے دروازہ کیوں بند کر لیا ہے۔ ‘‘
’’ محترمہ آپ نے ایسا سوال پوچھا ہے کہ میں اس کا جواب ہی نہیں دے سکتا، آپ تو جانتی ہی ہیں کہ یہ لوگ بڑے موڈی ہوتے ہیں۔ ‘‘
’’ یہ بات ذہن میں رکھیے کہ بند ہونے والا دروازہ کھل بھی سکتا ہے اور روشنی میں ڈوبے ہوئے ریستوران کی چمک دمک اندھیرے میں بھی تبدیل ہو سکتی ہے۔ ‘‘
اس دھمکی آمیز جملے کو مینیجر نے پیتے ہوئے کہا۔
’’ میں ایک بار Try کرتا ہوں۔ ‘‘ یہ کہہ کر اس نے ریسیور اٹھایا لیکن ٹیلی فون ابھی تک ڈیڈ تھا۔ ’’ آپ میں سے کوئی اوپر جا کر انھیں جگا سکتا ہے ، لیکن مجھے خوشی ہو گی کوئی وہاں نہ جائے۔ ‘‘
اب کاؤنٹر پر دوسرا منیجر آ گیا تھا ، پہلے منیجر کی ڈیوٹی شاید ختم ہو گئی تھی۔
دوسرے منیجر نے پہلے منیجر سے پوچھا۔ ’’ یہ سب کیا تماشا ہے ؟‘‘
’’ وہی جو صبح سے چل رہا ہے ، ہر آدمی اس سے ملنا چاہتا ہے مگر وہ کسی سے ملنا نہیں چاہتا، میں نے تو اس کی صورت تک نہیں دیکھی، مگر یہ کیا زبردستی ہے کہ اس کے منع کرنے کے باوجود لوگ ملاقات پر مصر ہوں۔‘‘
وہ لڑکی ابھی تک شش و پنج کے دورا ہے پر کھڑی تھی۔
اس کے قریب ہی وہ نوجوان کھڑا تھا جس کے دوست نے اسے یہاں بلوایا تھا۔
کچھ لوگ جا چکے تھے تاہم پندرہ بیس لڑکیوں اور لڑکوں کا ایک گروپ ابھی تک ہوٹل کا طواف کر رہا تھا، بعض لوگ اوپر پہنچ چکے تھے لیکن نیچے کھڑے ہوئے جو لوگ تھے ان میں لڑکیوں کی تعداد زیادہ تھی، ان لڑکیوں سے الگ تھلگ وہ دراز قد لڑکی بھی تھی جس کے چہرے پرنا امیدی کا میلا چاند ڈوبنے سے پہلے بکھر رہا تھا۔ نئے منیجر نے اپنی جگہ سنبھالتے ہوئے کہا :
’’ آپ لوگ اپنی چٹھیاں چھوڑ جائیے اور فون نمبر بھی، میں کمرہ نمبر ۲۸ والے کو مطلع کر دوں گا۔ ‘‘
سب لوگوں نے اپنے نام کے کارڈ منیجر کو دے دئیے لیکن وہ لڑکی ابھی تک خاموش کھڑی تھی۔
’’ مس آپ بہت دیر سے یہاں کھڑی ہیں کیا آپ اپنے نام کی چٹھی نہیں دیں گی۔ ‘‘’’ اور آپ ؟‘‘ اس نے لڑکی کے قریب کھڑے ہوئے نوجوان سے مخاطب ہو کر کہا۔
’’ مجھے تو یہاں بطورِ خاص بلوایا گیا ہے۔ ‘‘
’’ چوکیداری کے لیے۔۔۔ ‘‘ کسی نے فقرہ کسا۔
’’ شٹ اپ۔ ‘‘
سب لوگ ہنس پڑ ے ، منیجر کے ہونٹوں پر ایک عجیب سی مسکراہٹ پھیل گئی۔
ارے یاد آیا، صبح ۲۸ نمبر والے نے ایک چٹھی مجھے دی تھی، اس پر کسی کا نام درج تھا، اس نے مجھ سے کہا تھا، وہ اگر آ جائے تو اوپر بھیج دینا۔ سب نے بیتابی سے آواز لگائی۔ ’’ منیجر کیا نام تھا ذرا دیکھنا ‘‘ مگر وہ لڑکی اب بھی خاموش تھی۔
منیجر نے میز پر بکھرے ہوئے کاغذوں پر ایک نظر ڈالی، ادھر ادھر دیکھنے کے بعد مایوسی سے کہا۔
پتہ نہیں وہ نام والی چٹھی کہاں گم ہو گئی، کچھ بھلا سا نام تھا۔ ‘‘
’’ کہیں اس چٹھی پر عارف تو لکھا نہیں تھا۔۔۔ ‘‘
’’ نہیں۔۔۔ ’’
’’ نشاط ‘‘
’’ نہیں ‘‘
’’فیروز‘‘
’’ نہیں ‘‘
’’ سلیم۔۔۔ ‘‘
’’ نہیں بابا نہیں۔۔۔ ‘‘
ذرا اچھی طرح یاد کرو منیجر کوئی نام تو ہو گا ہی۔۔۔
منیجر نے ذہن پر کافی بار ڈالا لیکن وہ نام اسے یاد نہ آیا۔
اب اس کے لیے کوئی چارہ نہیں تھا کہ وہ دوبارہ اس نام والی چٹھی کو ڈھونڈے ، وہ پھر ایک بار کاغذ کے اس پرزے کو ڈھونڈنے لگا جو اب اس کے لیے وبالِ جان بن چکا تھا۔
’’کیا ڈھونڈ رہے ہو یار۔ ‘‘
یہ پہلے منیجر جیکب کی آواز تھی۔
’’ دیکھ نہیں رہے ہو ایک معمولی پرزے پر لکھے ہوے نام کے کھو جانے پر کتنے لوگ یہاں میری گردن پر سوار ہیں۔ ‘‘
کہاں ہیں لوگ۔۔۔ ؟ آج تمھیں ہو کیا گیا ہے۔ ‘‘
جیکب نے حیرانی سے کہا۔
’ ’ وہ روم نمبر ۲۸ والا۔۔۔ ‘‘
اس کے لہجے میں بڑی گھبراہٹ تھی۔
’’ روم نمبر۲۸۔۔۔ کیا کہہ رہے ہو، وہ تو چلا گیا۔ ‘‘
اسے محسوس ہوا جیسے ہمیشہ کی طرح آج بھی جیکب اس سے جھوٹ بول رہا ہے۔
٭٭٭

اجنبی

کوئی زیادہ عرصہ نہیں گزرا۔ میں دریا گنج کے بس اسٹاپ پر کھڑا اوکھلا جانے والی بس کا انتظار کر رہا تھا، رات کے ۹ بج چکے تھے ، بس آنے میں ابھی کافی دیر تھی، میں نے ایک تازہ سگریٹ جلایا اور ایک لمبا کش لے کر دائیں بائیں بے مقصد نگاہیں ڈالیں ، بس کے انتظار میں اور بھی لوگ کھڑے تھے ، دو تین لڑکیاں ، چند بوڑھے اور ایک نوجوان جس کا چہرہ بجری کی طرح کھردرا اور مٹیالا تھا، جس کے سامنے کے دو بٹن ٹوٹے ہوئے تھے ،وہ اطمینان سے الکٹرک کے کھمبے سے لگا پتہ نہیں کیا سوچ رہا تھا۔ دو لڑکیاں جو میری طرح دیر سے بس کے انتظار میں کھڑی تھیں گھر جلد پہنچنے کے لیے بے چین دکھائی دے رہی تھیں۔
’’سشیلا اگر ٹیکسی لی جائے تو خواہ مخواہ آٹھ دس روپے خرچ ہو جائیں گے ، یہ ڈی ٹی ایس والے بھی عجیب منحوس لوگ ہیں ، اتنی دیر میں سروس ہوتی ہے کہ جی کڑھنے لگتا ہے۔ ‘‘
’’ جی ہاں میں خود کوئی ایک گھنٹے سے یہاں کھڑا ہوں لیکن بس آنے کا نام ہی نہیں لیتی۔ ‘‘ اس عجیب و غریب نوجوان نے درمیان میں دخل در معقول کرتے ہوئے کہا۔ لڑکیوں نے اس کا جواب نہیں دیا اور اس سے چند قدم دور جا کھڑی ہو گئیں۔
وہ خفت کے مارے کھسیانے انداز میں میرے قریب آیا۔
پہلے تو میں جھجکا اس خیال سے کہ کہیں وہ اپنی اوٹ پٹانگ باتوں سے مجھے بور نہ کرے ، میرا خدشہ صحیح نکلا، اس نے قریب آ کر مجھ سے پوچھا۔
’ ’ کیا آپ کو اوکھلا جانا ہے۔ ‘‘
’’ ہاں ‘‘ میں نے بڑی بے پرواہی سے جواب دیا۔
’’ میں بھی اوکھلا جا رہا ہوں۔ ‘‘
تم جہنم میں کیوں نہیں جاتے ، میں دل ہی دل میں غصے سے پیچ و تاب کھاتے ہوئے کہا۔
’ ’ماچس تو ہو گی آپ کے پاس ‘‘
’ ’ ہاں ہے۔ ‘‘
’’ تو پھر دیجیے۔ ‘‘
میں نے طوعاً و کرہاً ماچس کی ڈبیہ اس کے ہاتھ میں تھما دی۔
’’ سگریٹ پئیں گے آپ۔ ‘‘
’’ نہیں ‘‘
اس نے میری ماچس بغیر کسی تکلف کے اپنے پینٹ کی جیب میں رکھ لی، میں یہ سمجھ کر کہ وہ مجھے ماچس دینا بھول گیا ہے پانچ دس منٹ توقف کے بعد اس سے کہا۔
’’ ماچس نہیں لوٹاؤ گے۔ ‘‘
’’ ماچس کیا خاک لوٹائیں گے ، اس میں آٹھ دس تیلیاں ہی تو رہ گئی ہیں۔ ‘‘ اس نے بڑی بے تکلفی سے کہا۔
’’ آپ بھی عجیب آدمی ہیں۔ ‘‘
’’ جی ہاں آپ کا خیال بجا ہے۔ ‘‘
جب بس،اسٹاپ کے قریب آ کر ایک دھچکے کے ساتھ رک گئی تو وہ تیزی سے بس میں سوار ہو گیا، میں جب اندر داخل ہوا تو اس کی بغل والی سیٹ خالی تھی۔
میں یوں ہی کھڑا رہا تو کنڈکٹر نے کہا۔
’’ آپ وہاں بیٹھ جائیے بابو صاحب فٹافٹ۔ ‘‘
’’ ہے کوئی بگیر ٹکٹ، بگیر ٹکٹ۔ ‘‘ پنجابی کنڈکٹر نے ہانک لگائی۔ ‘‘
لاجپت نگر مارکیٹ پر ایک ادھیڑ عمر کے آدمی نے سیٹ خالی کر دی اور میں فوراً اس جگہ بیٹھ گیا۔ اوکھلا موڑ پر ہم دونوں ساتھ ساتھ اترے۔
رات بے حد تاریک تھی، اوکھلا کا بیہودہ سا راستہ جہاں آئے دن چوری کی وارداتیں ہوتی ہیں یوں لگ رہا تھا جیسے جاتے جاتے کسی لٹیرے نے اس کے سینے پر تاریکی کا ایک بھیانک سا غلاف چڑھا دیا ہو، اوکھلا سے مجھے جامعہ نگر تک پیدل جانا تھا، میں آگے آگے چل رہا تھا اور وہ میرے پیچھے پیچھے ، اس کے پیروں کی دھما دھم سے مجھے حد درجہ خوف محسوس ہو رہا تھا۔
’’ ذرا سنیے تو ایک سگریٹ تو پلائیے۔ ‘‘
اس نے بڑے بے ڈھنگے انداز میں مجھ سے سگریٹ طلب کی جسے میں نے ایک انجانے خوف کے تحت اسے دے دیا، اندھیرے میں اس کی آنکھیں کسی گہرے کنویں میں چھپے ہوئے مینڈک کی طرح چمک رہی تھیں۔
’’ آپ گھبرائیے نہیں ، میں آپ کی جیب نہیں کاٹوں گا، جیب تو آپ جیسے سفید پوش حضرات کاٹا کرتے ہیں۔ ‘‘
’’ میرا جی چاہا اسے اس گستاخی کا مزہ چکھاؤں ،لیکن دل ناتواں نے اس کے آگے ہتھیار ڈال دیے۔ غالباً آپ کو معلوم نہیں میں آپ کا پڑوسی ہوں ، کوئی دو ماہ سے نیچے کا کمرہ کرایہ پر لے رکھا ہے ، مکان کے بالائی حصے پر آپ رہتے ہیں جہاں آپ کو ہر طرح کا آرام ہے ، میں چاہتا ہوں کہ جلد سے جلد کوئی اچھا سا مکان کرائے پر لے لوں ، میں پڑھا لکھا ہوں ،ساتھ ساتھ موسیقی بھی اچھی طرح جانتا ہوں ،بمبئی میں میں نے دو تین فلموں کے پلے بیک بھی دئیے ہیں ، میں یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ ایک پرائیویٹ انسٹی ٹیوٹ کے معمولی ٹیوٹر ہیں جس کی تنخواہ صرف ڈھائی سو روپے ہے اور آپ یہاں تنہا مجردانہ زندگی گزار رہے ہیں ، میں بڑی تمنائیں لے کر بمبئی سے دلی آیا تھا لیکن دلی نے بھی مجھے کچھ نہیں دیا۔ ‘‘
میرے تعلق سے اس نے ابھی ابھی جو دو ٹوک باتیں کہی تھیں اس میں کہیں بھی جھوٹ کا شائبہ نہ تھا، دلی میں میری نوکری غیر یقینی حالت میں گزر رہی تھی، میں ڈھائی سو روپے تنخواہ پاتے ہوئے بھی ایسا محسوس کر رہا تھا جیسے میں جنم جنم کا بیروزگار ہوں۔ میں اس کی ساری باتیں چپ چاپ سنتا رہا۔ میں نے ایک طویل جماہی لی تو اس نے اپنے کمرے میں داخل ہوتے ہوئے کہا۔
’’ جائیے سو جائیے۔ غالباً آپ کو نیند آ رہی ہے۔ ‘‘
میں نے اوپر جا کر کمرے کی لائٹ جلائی اور کپڑے تبدیل کر کے پلنگ پر جا گرا، میں ابھی لائٹ آف کر کے بستر پر آنکھیں بند کیے پڑ ا تھا کہ وہ پھر آ دھمکا۔
’’ کیا سو گئے ہو۔ ‘‘ میں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔
میں تمھاری جیب سے ایک سگریٹ لے رہا ہوں ، تمھاری جیب میں غالباً کچھ روپے بھی ہیں ، میں انھیں جوں کا توں چھوڑ رہا ہوں ، اگر تم جاگ رہے ہو تو میرے جانے کے بعد پیسے گن لینا۔ ‘‘
میں سہما سہما چپ چاپ پڑ ا اس کی اس بیہودہ جسارت پر غور کرتا رہا۔۔۔ دوسرے دن صبح میں نے دیکھا دو خوبصورت لڑکیاں اس کے کمرے میں بے تکلف انداز میں بیٹھی اس سے باتیں کر رہی تھیں ، آج اس نے ململ کا مہین کرتا لٹھے کا پاجامہ پہن رکھا تھا، شیو بھی بنا لی تھی، جس سے اس کے چہرے کی کھردراہٹ دور ہو گئی تھی۔
جب میں سیڑھیاں پھلانگتا ہوا اس کے کمرے کے نیچے آیا تو اس نے مجھے پکارا۔
بابو صاحب موسیقی سے تو آپ کو شوق ہو گا ہی، یہ میری نئی شاگرد ہیں ملکہ اور ممتاز، بڑا رسیلا گلا پایا ہے ان دونوں نے ، یہ غزل کی اپسرا ہے اور یہ گیتوں کی رانی۔
موٹی موٹی آنکھوں والی دوشیزہ نے جس کے چہرے پر حیا کی سرخی کا دور دور تک پتہ نہیں تھا میری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہا۔
غزل سنیے گا یا گیت، غزل سننی ہو تو مجھ سے سنیے اور گیت اس سے۔ ‘‘
اس نے عجیب انداز سے اپنی سہیلی کی طرف مخاطب ہو کر کہا۔
’ اس سے تو آپ گجل سن لیجیے ، اس نے بجھے ہوئے لہجے میں کہا جس میں غصہ کم نفرت زیادہ تھی، اس کی زبان سے میں نے اندازہ لگایا کہ وہ لڑکی پنجابی تھی۔
میرے پڑوسی نے ہارمونیم اپنے قریب گھسیٹا اور بڑے ماہرانہ انداز میں اس کی پتلی پتلی لانبی لانبی انگلیاں ہارمونیم کی پتیوں پر دوڑنے لگیں ، پھر غزل شروع ہوئی۔
جس جس رنگ میں ہوتا ہے جہاں ہوتا ہے
اہلِ دل کے لیے سرمایۂ جاں ہوتا ہے
گانے کے دوران میں نے دیکھا گیتوں کی رانی بری صورت بنائے ، ناک بھوں سکیڑے اسے دیکھتی رہی، میں نے تھوڑی دیر ہی کے مطالعے سے اندازہ لگا لیا کہ یہ ایک دوسرے سے بے طرح جلتی ہیں ، غزل کی اپسرا کی آواز کچھ پھٹی پھٹی سی تھی، شاید اس لیے جگر کی خاصی اچھی غزل بھی طبعیت میں ترنگ پیدا نہ کر سکی، لیکن میں نے تکلفاً بڑی داد دی جس سے اس کا خوبصورت چہرہ دمک اٹھا۔
جب گانے کی محفل ختم ہوئی تو میرے پڑوسی نے اسٹو پر چائے بنائی اور زبردستی میرے ہاتھ میں چائے کا پیالہ تھما دیا۔
’’ کیا مجھے چائے نہیں دو گے۔ ‘‘ غزل کی اپسرا نے قدرے بے صبری سے کہا۔ ’’ اری تو کیا چائے پیتی ہے تجھے تو اولٹین ملنی چاہیے۔ ‘‘ اس نے مخصوص انداز میں مسکراتے ہوئے کہا۔
ابھی تو یہ مجھ سے غزل سیکھ رہی ہے ،پھر آئندہ دیکھنا اگر یہ لتا کا بیڑہ غرق نے کر دے تو میرا نام گوہر نہیں ، اس نے مجھ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا۔
’’ اور مجھے آج معلوم ہوا کہ اس کا نام گوہر ہے۔ ‘‘ میں اس سے رخصت ہو کر رادھے پنواڑی کی دوکان پر آیا، اس نے مجھے دیکھتے ہی ایک گلوری بنا دی اور باتوں میں مشغول ہو گیا۔
’’ یہ جو آپ کا پڑوسی ہے نا گوہر بڑا شریف آدمی ہے ، میرے پاس اس کا کھاتا ہے ، کیا مجال کہ کبھی پہلی سے دوسری ہو جائے۔ ‘‘
ابھی وہ باتیں ہی کر رہا تھا کہ بس آ گئی اور میں انسٹی ٹیوٹ چلا آیا، انسٹی ٹیوٹ کے کمپاؤنڈ میں داخل ہوتے ہوئے میں نے سوچا۔ آج مجھے اس کے گھر گانا نہیں سننا چاہیے تھا، ٹیوٹر ہونے کے ناطے میری سماجی حیثیت بلند ہے ، میں نے خواہ مخواہ اسے لفٹ دی، اب وہ یقیناً سر چڑھ جائے گا۔
ایک دن وہ صبح ہی صبح میرے کمرے میں داخل ہوا، میں نے اسے دیکھ کر خفگی اور بے مہری سے کہا۔
’’ کس لیے آئے ہو ؟‘‘
’’ گرامو فون کمپنی والوں نے مجھے انٹرویو کے لیے بلایا ہے ، وہاں ایک موسیقار کی جگہ خالی ہے ، مجھے آپ کا سوٹ چاہیے ، آپ تو جانتے ہی ہیں کہ آج کے دور میں خوبصورت ڈریسنگ سے بہت کچھ کام نکل جاتے ہیں۔ ‘‘
تو تم سمجھتے ہو میرے ہاں اچھے کپڑوں کا انبار ہے جو میں ایرے غیروں نتھو خیرے میں تقسیم کرتا پھروں۔ ‘‘
’’ یہ تو میں بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ہاں صرف ایک ہی سوٹ ہے جسے آپ بار بار پہنا کرتے ہیں ، آج مجھے وہ سوٹ چاہیے ، شام کو لوٹا دوں گا۔ ‘‘
’’ تمھیں دوسروں سے کپڑے مانگتے ہوئے شرم نہیں آتی، تمھیں ہرگز اپنی کوئی چیز نہیں دوں گا، تمھارا انٹرویو جائے بھاڑ میں۔ ‘‘
میں نے غصے سے گرجتے ہوئے کہا تاکہ وہ شرم سے پانی پانی ہو کر لوٹ جائے لیکن وہ ڈھیٹ بنا کھڑا رہا، اس کے لبوں پر عجیب سی مسکراہٹ پھیل گئی، اس کی مسکراہٹ میں بے شرمی سے کہیں زیادہ ڈھیٹ پن تھا۔
’’ گوہر نے زندگی میں بہت کم کسی سے مانگا ہے اور جب مانگتا ہے تو اسے لے کر ہی رہتا ہے۔ ‘‘
یہ کہہ کر وہ چلا تو گیا لیکن مجھے عجیب کیفیت میں چھوڑ گیا، میری سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ یہ آدمی ہے یا پاجامہ۔۔۔ اس دو ٹکے کے آدمی کو کیا حق پہنچتا ہے کہ وہ میری توہین کرے۔
رات دس بجے جب میں لوٹا تو کمرے میں لٹکا ہوا ملگجے رنگ کا بد صورت تالا سامنے والی گلی کے بلب کی روشنی میں صاف دکھائی دے رہا تھا، میں سیڑھیاں چڑھتا ہوا اپنے کمرے میں داخل ہوا،مجھے یہ جان کر سخت حیرت ہوئی۔۔۔ کمرے سے میرا سوٹ غائب تھا، میں کوفت اور غصے سے کانپ گیا، پھر میں سوچنے لگا آخر یہ ذلیل آدمی اندر کیسے داخل ہوا ہو گا، تالا تو جوں کا توں زنجیر سے لٹکا ہوا تھا، کہیں اس کے ہاں چابی تو نہیں ہو گی۔ میں نے دل ہی دل میں تہیہ کر لیا کہ کل پولیس میں اس کی خبر کر دوں گا، میں ابھی سوچ ہی رہا تھا کہ وہ بڑے فاتحانہ انداز میں آہستہ سے داخل ہوا، اس کے ساتھ ناٹے قد کا ایک اور شخص بھی تھا جس کا چہرہ چیچک کے داغوں سے بھرا تھا،وہ بہ یک نظر مجھے ایک خطرناک غنڈہ معلوم ہوا۔
جمن جس بابو کا صبح میں نے ذکر کیا تھا نا یہ وہی ہیں ، یہ سوٹ بھی ان ہی کا ہے لیکن سالی نوکری اچھا سوٹ پہننے پر بھی نہ مل سکی۔
اس نے آخری جملہ بڑے گمبھیر لہجے میں کہا۔
’’ بابو صاحب خفا نہ ہوئیے ، غصہ ختم کیجیے ، یہ سالا فالتو ہے ، ہر وقت کوئی لفڑا لگائے رکھتا ہے ، آپ کو ناراض کر کے اسے یہ سوٹ نہیں پہننا چاہیے تھا۔ ‘‘
پھر اس نے میرا سوٹ بڑی احتیاط سے ہینگر پر لٹکا دیا۔
’’غصہ تھوک دیجیے ،بابو صاحب غصہ تھوک دیجیے۔ ‘‘
بس جمن تو اب چپ بھی رہ، صبح یہی ہو گا نا کہ یہ بابو صاحب مجھے پولیس میں کھنچوائیں گے لیکن اس سالی دلی کی پولیس سے ڈرتا کون ہے جو سالا بمبئی میں کئی بار ’’ تڑی پار ‘‘ ہو چکا ہو اس کے لیے یہ کوئی خوف کی بات ہے ؟ پھر پولیس کے پاس اس کا کیا ثبوت ہے کہ میں نے تالا توڑ کر سوٹ چرایا تھا۔
میں بت کی طرح چپ چاپ کھڑا اس کی باتیں سنتا رہا، میری خاموشی سے اسے الجھن ہو رہی تھی، اس لیے مجھ پر ناجائز خوف طاری کرنے کی خاطر وہ اپنے حدود سے متجاوز ہو کر جو جی میں آئے بکا جا رہا تھا اور اس کا ٹھگنا سا ساتھی اسے سمجھاتے ہوئے چپ کرانے کی کوشش کر رہا تھا۔
’’ دیکھو نا جمن نے جائز طور پر کمانے کی کتنی بار کوشش کی لیکن سالی یہ دنیا کچھ اتنی بے رحم ہے کہ مجھ جیسے سخت جان کو بھی لوہے کے چنے چبوانے سے باز نہیں آئی، میں نے تنگ آ کر لڑکیوں کی سپلائی شروع کی لیکن قسم ہے پاک پروردگار کی، مجھے یکایک ایسا محسوس ہوا جیسے میں اپنی بہنوں کو سرِ بازار ننگا نچوا رہا ہوں ، میں نے اب اس دھندے کو لات ماردی ہے۔
آج اس کا سویا ہوا ضمیر اچانک جاگ اٹھا تھا، شاید اس لیے اس کی زبان میں شعلے کی سی لپک آ گئی تھی، پتہ نہیں اس کی باتوں کا مجھ پر کیوں اثر نہیں ہوا، اس کی کھردری، سپاٹ بے کیف سی زندگی میں آج دبے پاؤں جو انقلاب آیا تھا اس کے چاپوں کے مدھم آواز کو اس کے علاوہ کسی نے نہیں سنا تھا۔
’’ ابے چڑی مار چپ بھی رہ،بڑا آیا شریف زادہ کہیں کا، کل کی کل میں دیکھی جائے گی، پہلے بابو سے معافی مانگ لے۔ ‘‘
مگر گوہر نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا، وہ نشے میں دھت معلوم ہو رہا تھا۔
’’ میری بات تو نہیں مانے گا۔ ‘‘ اس نے تتلاتے ہوئے کئی بار اس جملے کو دہرایا پھر یہ کہہ کر لڑکھڑاتے ہوئے قدموں سے باہر نکل گیا۔
’’ اب جمن کی دوستی کا دروازہ تجھ پر بند۔ ‘‘
جمن نے اس پر دوستی کا دروازہ بند کیا ہو یا نہ ہو لیکن میں نے اس کے لیے اپنے دل کا دروازہ ضرور بند کر دیا تھا، ہاں یہ ضرور تھا کہ میں نے اس کے خلاف پولیس میں رپورٹ نہیں لکھوائی تھی۔
دوسرے دن صبح گھر کے نیچے ایک ہنگامہ بپا تھا، قسم قسم کی طرح دار گالیوں کا تبادلہ کچھ اس زور و شور سے ہو رہا تھا کہ میں یکایک بستر سے اچھل پڑ ا، میں نے دیکھا رات والا ٹھگنا شخص جمن اس کا گریبان پکڑے ہوئے تھا۔
’’ جھوٹ موٹ کا لالچ دے کر مجھ سے روپے ہتھیا لیے ، نہ لڑکی دلوائی اور نہ گانا ہی سنوایا اور اب کہتا ہے یہ دھندا میں نے چھوڑ دیا ہے۔ ‘‘
بہت سے لوگ کھڑے کھڑے اس لڑائی کا تماشا دیکھ رہے تھے ، ایک گورے چٹے نوجوان نے جس کی آنکھوں پر موٹے شیشوں کا چشمہ چڑھا تھا اپنے ساتھ سے کہا :
’’ چلو پیارے یہ تو بڑے لفنگے معلوم ہوتے ہیں۔ ‘‘
’’ ہاں ہاں چلو، کناٹ پییلس پر میرا انتظار کر رہی ہو گی،کتنی سویٹ لڑکی ہے وہ بڑی مشکل سے پھنسی ہے۔۔۔ ‘‘
میں نے کھڑے کھڑے سوچا اس گورے چٹے چشمے والے نوجوان اور اس لفنگے گوہر میں کیا فرق ہے ؟ کچھ بھی تو نہیں ، میں نے ٹھگنے جمن سے جو اس سے الجھ رہا تھا کہا :
’’ یوں لڑنے مرنے سے کیا فائدہ، اپنے روپے پھر کبھی لے جانا۔ ‘‘
’’ اس کا روزگار تو بند ہو چکا ہے ، اب یہ سالا مجھے کیا دے گا۔ ‘‘
’’روزگار کسی کا بند نہیں ہوتا جمن۔۔۔ ‘‘ میں نے سمجھانے منانے کے انداز میں کہا، میری زبان سے اپنا نام سن کر اس کے چہرے پر خوشی کی ایک گہری چھاپ نمودار ہوئی اور وہ میری بات مان کر چپ چاپ واپس چلا گیا۔
جب سے اس نے یہ دھندا چھوڑ دیا تھا اس کی ذات میں عجیب سی تبدیلی آ گئی تھی، پہلے وہ مجھے دق کیا کرتا تھا اب وہ دروازے کی چوکھٹ پر پہروں کچھ سوچتا رہتا ہے ، میں روز صبح جاتے وقت جس طرح اسے بیٹھا دیکھتا ہوں رات میں میرے لوٹنے تک وہ اسی طرح بیٹھا دکھائی دیتا، اس کا چہرہ عجیب سا ہو کر رہ گیا تھا، اسے دیکھنے کے بعد احساس ہوتا تھا جیسے یہ آدمی نہیں آدمی کا مذاق ہے۔ میں روز گھر آتے ہی اپنے کمرے کی ایک ایک چیز کا جائزہ لیتا تھا کہیں اس نے چوری نہ کی ہو۔
ایک بے روزگار شخص سے اور وہ بھی ایک لفنگے سے اس طرح کا خدشہ بے جا نہ تھا۔ ایک دن صبح جب میں اسے بے حد اداس چہرہ بنائے دروازے کی چوکھٹ پر بیٹھا دیکھا تو مجھ سے رہا نہ گیا۔
’’ کہیں نوکری ڈھونڈ کیوں نہیں لیتے ، اس طرح ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنے سے ملازمت تھوڑی ہی ملتی ہے۔ ‘‘ میں بولا۔
اس نے ایک لمبی سانس لی اور اپنے کمرے میں جا کر دروازے کا پٹ بھیڑ لیا پھر چند دن بعد یکایک وہ گھر سے غائب ہو گیا۔ اس طرح دو ماہ بیت گئے ، ایک بار مکان کے مالک نے بھی اس کے بارے میں مجھ سے پوچھا اور جاتے جاتے ایک ٹھکی ٹھکائی ہوئی توانا سی گالی فضا میں اچھال دی۔
پھر ایک رات میں تھرڈ شو دیکھ کر لوٹ رہا تھا، میں نے دیکھا اس کے کمرے میں بدستور بلب جل رہا تھا اور دروازے کے دونوں پٹ قدرے کھلے ہوئے تھے ، میں نے اوپر جاتے جاتے کمرے کی طرف دیکھا۔
گوہر کے قریب ایک خوبصورت عورت بیٹھی اس سے میٹھی میٹھی باتیں کر رہی تھی اور وہ اس سے محبت سے لپٹا ہوا تھا۔
میں دبے پاؤں اپنے کمرے میں چلا گیا، میرا ذہن منتشر تھا، مجھے کوفت تھی کہ جس دلدل سے گوہر نے اپنے آپ کو نکالا تھا پھر وہ اسی دلدل میں دھڑام سے جا گرا تھا۔
صبح آٹھ بجے کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا۔ یہ گوہر تھا، اس کے ساتھ رات والی حسین عورت تھی۔
ابھی میں کچھ کہنے ہی والا تھا کہ گوہر نے خوشی سے لبریز ہو کر کہا۔
’’ یہ میری بیوی ہے بابو صاحب، مجھے نوکری مل چکی ہے۔ ‘‘
٭٭٭

تعاقب

وہ کئی دنوں سے میرا پیچھا کر رہا تھا، شروع شروع جب میں گھر سے نکل کر چورا ہے کے بس اسٹاپ پر آ کر ٹھہر جاتا تو وہ قریب ہی کھڑا مجھے اس طرح دیکھتا جیسے وہ مجھے پہچان رہا ہو۔۔۔ اور وہ جب مطمئن ہو جاتا کہ میں وہی ہوں جس کا وہ منتظر ہے تو وہ اطمینان کی ایک گہری سانس لیتا، اس کی یہ طمانیت میرے لیے سوہانِ روح ہوتی، میں اس سے آنکھیں چار کرتے ہوئے ہمیشہ ڈرنے لگتا۔
آج اسے بس اسٹاپ کے قریب دیکھ کر مجھے وحشت سی ہونے لگی کیوں کہ اس کے کھردرے مٹیالے چہرے پر اچانک جو شگفتگی ہویدا ہو گئی تھی وہ اس بات کی علامت تھی کہ میں اس کے قبضے میں آ چکا تھا یعنی وہ مجھے ڈرانے میں کامیاب ہو چکا تھا۔
میں بس اسٹاپ کے اطراف پھیلے ہوئے لوگوں کے ہجوم میں بھی اپنے آپ کو بے بس تصور کر رہا تھا، میں نے دیکھا وہ اپنی جیب سے کوئی چیز نکال رہا تھا،کوئی سی چیز کہہ کر دراصل میں اپنے ذہن پر چھائے ہوئے خوف سے نجات حاصل کرنا چاہتا تھا۔ میں نے اپنے بدن سے لپٹی ہوئی چادر کو پھر ایک بار پورے بدن پر لپیٹ لیا، لیکن اس کا الٹا ہی اثر ہوا۔ اب وہ ہجوم میں دھکے کھاتا ہوا میرے قریب آ رہا تھا، اس کے ہاتھ میں رومال تھا، رومال کھلا ہوا نہیں تھا۔ ہو سکتا ہے اس نے اپنے ہاتھ میں دستی بم رکھ لیا ہو اور میرے سر پر مارنا چاہتا ہو تاکہ میرا بھیجا پاش پاش ہو جائے تو وہ اسے چبا کر کھا لے۔ لیکن میری تو اس سے کوئی عداوت نہ تھی، میں نے تو اس کا کچھ بگاڑا نہ تھا، وہ میرا دوست تو کجا شناسا بھی بھی نہ تھا۔ لیکن ادھر چند ماہ سے پتہ نہیں کیوں وہ مجھے اس طرح آنکھیں نکالے دیکھ رہا تھا۔ چند منٹ یوں ہی تذبذب میں گزر گئے ، اب وہ میرے بالکل قریب کھڑا تھا،میرے اطراف و اکناف اور بھی لوگ تھے لیکن وہ میرے سینے کے زیرو بم اور پیشانی پر آئے ہوئے قطروں کو اپنی نگاہوں کے ذریعے جیسے ٹٹول رہا تھا۔
میں سمجھ گیا کہ وہ اب مجھ پر حملہ آور ہو جائے گا، سڑک کے اطراف و اکناف کھڑے ہوئے لوگ مجھے زخمی حالت میں دیکھ کر افسوس کا اظہار کریں گے۔ پتہ نہیں اس آدمی نے اسے کیوں زخمی کر دیا۔۔۔ کوئی تو بات ہو گی ورنہ یوں کوئی کسی پر ہاتھ نہیں اٹھاتا۔
ارے نہیں بھائی ہاتھ بغیر کسی وجہ کے بھی اٹھ جاتے ہیں ، وہ اسی طرح کی باتوں میں مشغول ہو جائیں گے ، مجھے دوا خانے میں شریک کروانے کے بارے میں کوئی نہیں سوچے گا اور میں سڑک پر پڑ ا سسکتا رہوں گا۔ میں سوچ کی وادیوں میں گم تھا کہ اچانک کسی نے مجھ سے ماچس مانگی، میں نے پلٹ کر دیکھا، یہ کوئی اور آدمی نہیں سچ مچ وہی تھا، اس کے ہاتھ کی انگلیوں میں سگریٹ پھنسی ہوئی تھی، میں نے کانپتے ہاتھوں سے ماچس اس کے ہاتھ میں تھما دی، اس نے بڑی بے نیازی سے سگریٹ جلائی اور بغیر شکریہ ادا کیے میری جیب میں ماچس ٹھونس دی۔ جب وہ چلا گیا تو میں نے اطمینان کا سانس لیا اور پیشانی پر آئے ہوئے پسینے کے قطروں کو اپنے رومال میں جذب کر لیا۔ میں سوچنے لگا کہ اس بیہودہ آدمی سے کس طرح پیچھا چھڑایا جائے۔
اب تو یہ نوبت آئی ہے کہ ذرا بھی کوئی کرخت چہرہ نظر آ جائے تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ آدمی ضرور ا چکا ہو گا، چوری کے ساتھ ساتھ ایک آدھ قتل کی واردات ضرور اس سے وابستہ ہو گی۔ لیکن یہاں مجھے اس آدمی کے بارے میں کہنا ہے جو پچھلے چند دنوں سے خواہ مخواہ میرا پیچھا کر رہا ہے۔۔۔ بار ہا میں نے سوچا کہ کیوں نہ پولیس میں اس کے خلاف رپورٹ درج کرواؤں لیکن میں ایسا نہ کر سکا کہ میرے ہاں اس کے تعلق سے کوئی ایسا ثبوت ہی نہ تھا جس کے لیے مجھے پولیس کی مدد طلب کرنی پڑ تی۔ میں یہی سوچتا ہوا غیر ارادی طور پر سنیما ہال کے قریب پہنچ گیا حالاں کہ میری منزل کہیں اور تھی، میرے سنیما ہال پہنچنے تک فلم شروع ہو چکی تھی، میں بظاہر واپس لوٹنے کے حق میں تھا لیکن میرے قدم ایک نامعلوم احساس کے زیرِ اثر بکنگ ونڈو کی طرف بڑھ رہے تھے جہاں دور دور تک کوئی نہ تھا، میرے اندر کے انسان نے کہا جب اتنی آسانی سے ٹکٹ مل رہا ہو تو کیوں نہ فلم دیکھ لی جائے اور دوسرے ہی لمحے میں سنیما ہال میں تھا۔ جب انٹرول ہوا تو مجھے یہ دیکھ کر سخت حیرانی ہوئی کہ وہ میری مقابل کی سیٹ پر جما ہوا تھا، میں گھر کس طرح پہنچا خود مجھے یاد نہ تھا۔
پھر اچانک کسی نے دروازے پر دستک دی۔ ’’ ذرا دیکھنا کون ہے۔ ‘‘ میں نے ثمینہ سے اس طرح کہا جیسے میرے حلق میں کوئی چیز پھنس گئی ہو۔
’’ تم اس طرح گھبرا رہے ہو جیسے کوئی۔۔۔ ‘‘
’’ کون تھا وہ۔۔۔ ؟‘‘
’ ’اخبار والا۔ ‘‘
’’ اخبار والا اور اس وقت۔۔۔ ؟‘‘
’’ ہاں۔۔۔ ‘‘
’’ اور وہ صبح والا اخبار۔۔۔ ؟‘‘
’’ وہ یہیں کہیں پڑ ا ہو گا، یہ شام کا اخبار ہے۔ ‘‘
’’سرخیاں سنو گے۔ ‘‘
’’ نہیں نہیں۔۔۔ ‘‘
’’ کیا بات ہے ان دنوں تم۔۔۔ ‘‘
’’ کیا محسوس کیا ہے تم نے مجھ میں۔ ‘‘ کیا ثمینہ نے میرے وجود سے لپٹے ہوئے خوف کے اس پرندے کو پھڑپھڑاتے ہوئے دیکھ لیا ہے یا یہ صرف میرا واہمہ ہے، مگر اس نے ابھی ابھی یہ بات مجھ سے کیوں کہی کہ میں ان دنوں۔۔۔
کیا واقعی میں ان دنوں۔۔۔
میں گھر سے یکبارگی باہر نکل آیا، فضا میں بڑی خنکی تھی اور سڑک پر انسانی قافلہ رواں دواں تھا لیکن میں ہر چیز سے بے نیاز سڑک کے کنارے چل رہا تھا۔
اگر وہ آج بھی میرا اسی طرح پیچھا کرے تو یقیناً میں اس کا گلا دبوچ لوں گا، اس کا گریباں تار تار کر دوں گا اور اس سے پوچھوں گا کم بخت تو آخر مجھ سے کیا چاہتا ہے۔
گو میں سڑک پر چل رہا تھا لیکن پھر بھی مجھے ایک نامعلوم سا احساس ہو رہا تھا جیسے کوئی آہستہ آہستہ میرے پیچھے آ رہا ہو۔
مجھ میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ پلٹ کر دیکھوں ، وہ کون ہے۔
’’ ٹھہرو۔۔۔ ‘‘ کسی نے آواز دی۔
اور ’’ٹھہرو ‘‘ کے ساتھ ہی میں سڑک سے چمٹ کر رہ گیا۔
پھر ایک بار میرے کانوں نے ’’ رک جاؤ ‘‘ کی آواز سنی، میں سڑک پر ایک بے جان بت کی طرح ساکت کھڑا تھا، میرے رک جانے میں خوف کارفرما تھا اور اس کی کرخت آواز میں تحکم کا زہر۔۔۔ میں کھڑے کھڑے اس زہر کو پی گیا، لیکن کوئی مجھے بغیر ڈسے آگے نکل گیا۔
پھر اپنے ہی دروازے کی دہلیز پر قدم رکھ کر میں نے دیکھا وہ آدمی ثمینہ سے باتیں کرنے میں مشغول تھا۔
’’ تم اور اس آدمی کے ساتھ۔۔۔ ؟‘‘
’’ کون ہے میرے ساتھ، کیا ہو گیا تمھیں ، یہاں کوئی بھی نہیں ہے۔ ‘‘
ثمینہ چیخ پڑ ی۔
’’ کیا تم مجھے خوف کے اس عذاب سے نجات دلوا سکتی ہو جو مجھے اندر ہی اندر بالاقساط مار رہا ہے ، میرا لہجہ گلو گیر تھا۔
ثمینہ نے بڑے پیار سے آگے بڑھ کر میر ے گلے میں ہاتھ حمائل کر دئیے لیکن پتہ نہیں مجھے ایسا احساس کیوں ہو رہا تھا جیسے کوئی میرا گلا دبوچ رہا ہو۔
٭٭٭

کنوارا

ایک رات اس نے دیکھا۔ کمرے میں ماں اور باپ چپ چاپ بیٹھے تھے۔
’’ پھر کیا سوچا تم نے ‘‘ یہ باپ کی آواز تھی۔
’’ یہ تم کیوں نہیں سمجھتیں کہ اپنا جمیل بد شکل ہے اور چاہتا ہے کہ کوئی خوبصورت لڑکی اس کا ہاتھ تھام لے۔ ‘‘
’’ بھلا ایسا کہیں ہوا ہے۔ ‘‘
’’ آپ ٹھیک کہتے ہیں۔ ‘‘
’’ خوبصورتی کی تلاش میں بڑی سبکی اٹھائی ہم نے ، انسان کا چہرہ ہی سب کچھ نہیں۔
’’ مگر وہ ان باتوں کو سمجھتا ہی نہیں۔ ‘‘
وہ یہ سب کچھ سن کر باہر چلا گیا، وہ بڑے بازار کی لمبی سڑک پر یوں ہی بے خبر چلتا رہا،اچانک اسے احساس ہوا کسی نے اسے آواز دی ہے ، وہ رک گیا۔
اس کے سامنے ایک نوجوان لڑکی کھڑی تھی، کالی کلوٹی لیکن چہرے پر ملائمت کچھ ایسی تھی کہ وہ ایک لمحے کے لیے اسے ٹکر ٹکر دیکھنے لگا۔
’’ سر ! میں نے ایک ایپلی کیشن دی تھی ٹائپسٹ کی پوسٹ کے لیے ، آپ کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا،میں نے ٹائپ کا ہائر ایگزام ( Exam) پاس کیا ہے ، گریجویٹ بھی ہوں۔ ‘‘
’’ یہ سب باتیں تو ایپلی کیشن میں درج ہوں گی، میں دیکھ لوں گا۔ ‘‘
’’ انٹرویو کب ہو گا سر ؟ ‘‘
’’ آنے والے شنیوار کو، تمھارے نام کال آ جائے گا۔ ‘‘
’’ کیا میں کچھ امید رکھ سکتی ہوں سر۔ ‘‘ اس نے ڈرتے ڈرتے کہا۔
’’ امید ہی پر دنیا قائم ہے۔ ‘‘
’’ اور جب کوشش کے باوجود بھی کچھ نہ ملے۔۔۔ ‘‘
’’ تو اسے ڈوب مرنا چاہیے۔ ‘‘ جمیل کی زبان سے بے ساختہ یہ جملہ نکل گیا۔
وہ پھٹی پھٹی آنکھوں سے جمیل کو دیکھنے لگی، اس کی آنکھیں ایک انجانے خوف سے ڈبڈبا گئیں۔
ابھی سے اداس ہونے کی ضرورت نہیں ، شنیوار تو ابھی بہت دور ہے۔ ‘‘ جمیل نے اس طرح کہا جیسے وہ اسے دلا سا دینا چاہتا ہو۔
جب انٹرویو کا دن آیا تو لڑکیوں کے ہجوم میں وہ بھی کھڑی تھی، اس نے ساری لڑکیوں پر ایک نگاہ ڈالی، اسے چہرے مہرے کے لحاظ سے یہی سب سے اچھی لڑکی لگی،کہنے کو تو گورے چٹے رنگ کی کئی لڑکیاں قیمتی لباس میں ملبوس اپنی قسمت آزمانے یہاں آ دھمکی تھیں۔ اس نے ایک لمحے کے لیے سوچا۔ یہ انٹرویو ہے ، اسے چہروں سے زیادہ صلاحیت کی جانچ پڑ تال کرنی ہو گی، اس کے ساتھ بورڈ کے اور ممبر بھی تو ہیں ، وہ اگر ان سے اس لڑکی کے بارے میں سفارش کر دے تو وہ سلیکٹ ہو سکتی ہے ، مگر یہ سب کچھ کیوں ؟ اس لڑکی سے بھلا اس کا کیا رشتہ،وہ کون ہوتی ہے۔ وہ خیالات کے ہجوم میں کھو گیا اور آخری لمحے تک وہ اسی تذبذب کا شکار رہا۔
انٹرویو کب ختم ہوا اسے کچھ یاد نہ رہا، بورڈ کے دوسرے ممبران نے امیدواروں کے ناموں کے آگے جو نمبرات درج کیے تھے ان میں سب زیادہ نمبر اسی لڑکی کے تھے ، اس کا نام صبا تھا، یہ نام اسے بڑا پیارا لگا۔
انٹرویو میں آئی ہوئی بہت سی لڑکیاں جا چکی تھیں چند ایک ابھی تک اپنی قسمت کا فیصلہ سننے کے لیے بیتاب کھڑی تھیں ، ان میں ایک صبا بھی تھی۔
جمیل نے چپراسی کے ذریعے جب اسے اپنے روم میں بلوایا تو وہ بید کی طرح کانپ رہی تھی۔
’’ تم سلیکٹ ہو چکی ہو، چا ہو تو کل ہی جوائن کر سکتی ہو۔ ‘‘
وہ ایک دم سناٹے میں آ گئی، اسے یقین نہیں آ رہا تھا، کہیں وہ خواب تو نہیں دیکھ رہی ہے ،خواب کی کوئی تعبیر نہیں۔
’’ کیا میں سچ مچ سلیکٹ ہو چکی ہوں سر۔ ‘‘ اس نے کپکپاتے ہونٹوں سے کہا۔
’’ ہاں تم نے سارے امیدواروں کو پیچھے دھکیل دیا۔ ‘‘
’’ سر، میں آپ کے اس احسان کو شاید زندگی بھر بھلا نہ سکوں۔ ‘‘
’’ یہ میرا احسان نہیں ہے ، میں نے تمھارے لیے کچھ نہیں کیا۔ ‘‘
’’ یہ آپ کی شرافت ہے سر، ورنہ مجھ جیسی لڑکی۔۔۔ ؟‘‘
’’ ہاں ٹھیک ہے کل ڈیوٹی جوائن کر لینا۔ ‘‘
اس نے جاتے جاتے پھر ایک بار شکریہ ادا کیا، اس کی شکر گزار آنکھیں جانے کتنی دیر تک اس کا تعاقب کرتی رہیں۔
جب فون کی گھنٹی بجی تو وہ چونکا، یہ اس کا یار سلیم تھا۔
’’اتنے برس کہاں رہے۔ ‘‘
بمبئی میں اور کہاں۔ تفصیلی گفتگو گھر ہی پر ہو گی، میں تمھاری بھابی کے ساتھ ٹھیک ۷ بجے شام پہنچ رہا ہوں۔ ‘‘
’’ اچھا تو تم نے شادی بھی کر لی۔ ‘‘
’’ ہاں بے وقوفی ضرور ہو گئی ہے ، اس لیے اسے اپنے ساتھ بمبئی لے جا رہا ہوں ، تمھارا وہی نکڑ والا گھر ہے نا۔۔۔‘‘
’ ’ ہاں ہاں وہی۔۔۔ ضرور آنا خدا حافظ۔ ‘‘
وہ پھر ایک بار سوچ کی گہرائیوں میں ڈوب گیا، سلیم ا س کا ہم عمر تھا اور صورت شکل کا بھی یوں ہی سا۔
صورت شکل۔۔۔ آخر یہ سب کچھ کیا ہے ، آدمی کی شخصیت ہی حسن کو جنم دیتی ہے خوبصورتی بذاتِ خود کوئی چیز نہیں۔
ایسا سوچتے ہوئے پتہ نہیں کیوں صبا کا سراپا اس کی آنکھوں کے گرد کیوں گھومنے لگا۔
’’ کیا میں سچ مچ سلیکٹ ہو چکی ہوں سر۔ ‘‘ کہتے ہوئے وہ کتنی خوبصورت اور سبک لگ رہی تھی، وہ ابھی سے آنے والے کل کا انتظار کرنے لگا، جب وہ آفس کی زینت بنے گی،وہ اسے سلیقے سے اپنا لے گا۔ اور پھر۔۔۔
آج ا س کا دل کام میں نہیں لگ رہا تھا، وہ کسی خاص ضرورت کے تحت ہی ماں سے کچھ کہہ لیا کرتا تھا، اپنے ابا سے کچھ کہنے کی اسے ہمت ہی نہ ہوتی تھی تاہم اس کے ابا کو پتہ چل گیا تھا کہ آج گھر میں کوئی مہمان آ رہا ہے۔
شام کے ۷ بج چکے تھے ،جمیل بے چینی سے گھر میں ٹہل رہا تھا، کوئی ساڑھے سات بجے آٹو کی گڑگڑاہٹ اسے سنائے دی، شاید سلیم آ چکا ہے وہ دروازے کے قریب پہنچا لیکن آٹو اس کے پڑوسی کے گھر کے قریب کھڑا تھا۔
وہ ڈرائنگ روم میں آ کر ایک پرانے رسالے کی ورق گردانی کرنے لگا۔
رات کے دس بج گئے مگر سلیم نہیں آیا، اسے کوفت ہونے لگی، اس کا بوڑھا باپ خراٹے لیتا ہوا کب کا سوچکا تھا، ماں ملازمہ سے ادھر ادھر کی باتیں کر رہی تھی، اس نے کام والی کو آواز دی، وہ دوڑی دوڑی اس کے پاس آئی۔
’’ میرا کھانا یہاں لگا دو، اب شاید وہ لوگ نہیں آئیں گے۔ ‘‘
وہ کھانا کھا کر باہر نکل گیا، ۱۱ بجے جب وہ گھر لوٹا گھر کے آنگن کی لائٹ جل رہی تھی، ماں کے کمرے میں اندھیرا ڈول رہا تھا، وہ سمجھ گیا کہ ماں بھی سو چکی ہے۔ اس نے بیل بجائی، ماں نے مندی مندی آنکھوں سے دروازہ کھولا اور وہ چپکے سے اپنے روم میں جا کر سو گیا۔
دوسرے دن آفس پہنچ کر اس نے فائلوں کی ورق گردانی شروع کر دی، یکبارگی اس کی نگاہ صبا کی جوائننگ رپورٹ پر آ کر رک گئی، پھر تین چار دن یوں ہی گزر گئے ، ایک دن ڈکٹیشن دیتے ہوئے اس نے صبا کے چہرے کا اس طرح جائزہ لیا جیسے وہ کوئی خاص بات اس سے کہنا چاہتا ہو۔
اس نے ایک لمحہ رک کر کہا : ’’ کبھی کبھی تنہائی مجھے سانپ کی طرح ڈستی ہے،اگر تم چا ہو تو میری تنہائی بانٹ سکتی ہو، میری مراد شادی سے ہے۔۔۔ ‘‘ یہ کہہ کر وہ پسینہ پسینہ ہو گیا۔ صبا کا چہرہ رد عمل سے خالی تھا، اس نے جمیل کے چہرے پر ایک نگاہ ڈالی اور رکتے رکتے کہا۔
’’ سر، میں تو آپ کی احسان مند ہوں لیکن میں۔۔۔ ‘‘ اس کی آواز جیسے حلق میں پھنس گئی۔ ’’ میرا رشتہ۔۔۔ میں تو کسی اور کی۔۔۔ ‘‘ اس سے آگے وہ کچھ کہہ نہ سکی اور اٹھ کر باہر آ گئی۔
جمیل کے چہرے پر ہوائیاں سی اڑنے لگیں ، وہ خجالت میں ڈوبا کرسی پر ہی ڈھیر سا ہو کر رہ گیا۔
شام جب وہ گھر پہنچا تو سلیم نے آگے بڑھ کر اس کا اس انداز میں استقبال کیا جیسے وہی صاحب خانہ ہو۔
’’ اُس دن کیوں نہیں آئے۔ ‘‘ جمیل کے لہجے میں شکایت تھی۔
’’ آج تو آ چکا ہوں مری جان، مگر یہ خوبصورت چہرہ آج قبر کا کتبہ کیوں بنا ہوا ہے خیر تو ہے۔ ‘‘
کچھ نہیں ، بس یوں سمجھ لو، چہرہ ہی کچھ ایسا ہے ، اس نے بجھے بجھے انداز میں کہا۔
’’ ماں نے مجھ سے سب کچھ کہہ دیا ہے ، ا س نے چائے کی پیالی ہاتھ میں تھامتے ہوئے کہا اور ٹرے اس کے آگے بڑھا دی۔
’’ سنو، میری ایک کزن ہے ، مجھے تمھاری ہاں مل جائے تو بات پکی سمجھو مگر ایک بار ضرور اسے دیکھ لو۔
’’ حال کی چوکھٹ پر قدم رکھنے سے پہلے مستقبل کی طرف دیکھ لینا بھی ایک سچائی ہے۔
مگر میں مستقبل کی سیڑھی پر قدم رکھنے سے پہلے حال کے کڑوے سچ کو بھلا دینا چاہتا ہوں ، میں سمجھتا ہوں تم میری بات کی تہہ تک پہنچ چکے ہو گے ، اب مجھے لڑکی دیکھنی نہیں ہے۔ ‘‘ یہ کہہ کر وہ چپ چاپ اپنے کمرے میں چلا گیا۔
٭٭٭

آدمی، زمین اور آسیب

صبح ہی صبح بستر سے اٹھ کر اس نے مندی مندی آنکھوں سے اپنے کمرے کا جائزہ لیا۔ ڈراؤنے خواب کے ریزے اس کی آنکھوں کے گوشوں میں ابھی تک نیزے کی طرح دھنسے ہوئے تھے۔
اچانک اس کی نگاہ سامنے کھڑی ہوئی چوبی الماری سے لگے اس پرانے شیشے پر گئی جہاں ایک بھیانک سایہ اس کا منہ چڑا رہا تھا، اس کے چہرے پر سفید کبوتر کے پروں کا ایک گھونسلا لٹک رہا تھا اور ہونٹوں سے ذرا اوپر کالی مونچھوں کا ایک لچھا۔۔۔
’’ نہیں۔۔۔ ‘‘ اس کے حلق سے ایک بھیانک چیخ نکل گئی، گھر کی بیمار اور کمان کی طرح جھکی ہوئی دیواریں جیسے کانپ کانپ گئیں اور سامنے درخت کی جھولتی ہوئی شاخوں پر بیٹھے ہوئے پرندے ہڑبڑا کر آسمان کی پنہائیوں میں ڈوب گئے۔
اس کی بیوی وحشت کا لبادہ اوڑھے حیرت سے اس طرح اسے دیکھ رہی تھی جیسے وہ اس کا شوہر نہیں کوئی اور آدمی ہو۔
وہ آہستہ آہستہ چلتا ہوا برآمدے میں آیا اور آپ ہی آپ بڑبڑاتا ہوا یکبارگی گھر سے نکل پڑ ا۔
’’ اب وہ آدمی زمین کا وہ ٹکڑا تمھیں کسی قیمت پر نہیں دے گا۔ ‘‘
بیوی کی تھر تھراتی آواز بھی اب اسے بھاری پتھر کی طرح ضرب لگاتی ہوئی محسوس ہوئی۔
اس کے قدم اور تیز ہو گئے۔
تیس برس کی طویل مسافت۔۔۔ ٹیڑھی میڑھی بے ڈھنگی سڑکیں ، بھاگ دوڑ، چیخ پکار۔۔۔ گھٹن، بے چارگی۔
’’ کیا تم سمجھتے ہو وہ آدمی زمین کا وہ ٹکڑا ہمیں دے دے گا، اب تو اس کی قیمت بھی آسمان کو چھو رہی ہے۔ ‘‘
یہ اس کی بیوی کی آواز تھی جو اس کا مسلسل تعاقب کر رہی تھی۔
اچانک اس نے پیچھے مڑ کر دیکھا، اب وہ یادوں کی عمیق کھائی میں اوندھے منہ گرا پڑ ا تھا، سویرے کا ملگجا اجالا سڑک پر پھیلے ہوئے مکانوں کی چھتوں پر آہستہ آہستہ اتر رہا تھا اور اسے بہت دور جانا تھا، میلوں دور۔ شہر کی ساری دکانیں سوئی ہوئی تھیں اور ان کے منہ میں دھنسے ہوئے کالے بے ڈھنگے سے تالے ایک عجیب طرح کی ویرانی کا احساس دلا رہے تھے ،ٹیکسی اسٹینڈ پر موت کا سا سکوت تھا اور ڈرائیور حلقہ بنائے چپ چاپ کھڑے تھے۔
ٹیکسی۔۔۔ اس نے آواز دی اور آواز سن کر بھی سامنے کھڑے ہوئے ڈرائیوروں میں سے کسی نے بھی کچھ نہ کہا، لیکن دیوار پر چسپاں گونگے پوسٹر نے دھیمے لہجے میں سرگوشی کی۔
’’ آج ہڑتال ہے۔ ‘‘
’’ اور وہ اسکوٹر والے۔۔۔ ؟‘‘
’’ وہ بھی ہڑتال پر ہیں۔ ‘‘
’’ رکشا والے۔ ‘‘
’ ’ وہ بھی۔۔۔ ‘‘
اب اس کے لیے صرف ایک ہی راستہ تھا کہ پیدل چلے اور سڑک پر چلتا رہا، چلتا رہا۔ درمیان میں اسے دو ایک کاریں سڑک پر دوڑتی ہوئی دکھائی دیں لیکن ان میں ڈرائیور بیٹھے ہوئے تھے۔
لاٹھی چارج۔۔۔ آنسو گیس۔۔۔ گولی۔۔۔ دنگا فساد۔۔۔ آگ اور پھر پانی۔
بچپن سے اس نے یہی سب کچھ دیکھا تھا، راستہ چلتے چلتے وہ ایک عجیب حادثے سے دوچار ہو گیا، وہ جس آدمی سے زمین کے اس ٹکڑے کو خریدنے جا رہا تھا اس کا نام اس کے ذہن سے معاً محو ہو گیا تھا، ذہن پر بار ڈالنے کے باوجود اسے اب اس کا نام یاد نہیں آ رہا تھا۔ اس نے الف سے لے کری تک کی گردانیں کر ڈالیں لیکن اس کا نام کسی بھی حرف سے شروع ہوتا نظر نہ آتا تھا۔
مگر اچانک وہ راستے ہی میں اسے نظر آ گیا، اس کے ساتھ دو اور آدمی بھی تھے جو اس کے آگے پیچھے اس طرح چل رہے تھے جیسے وہ اس کے باڈی گارڈ ہوں۔۔۔
اس کا جی چاہا کہ اسے پکارے ، مگر کس نام سے ؟ وہ کوفت اور غصے سے آپ ہی آپ بلبلا اٹھا لیکن اس آدمی نے چلتے چلتے اچانک پلٹ کر اسے دیکھ ہی لیا اور اس کے ساتھ والے دونوں آدمی بھی اس کے تتبع میں وہیں اس کے برابر ہی ٹھیر گئے۔
’’ ارے تم صبح ہی صبح کدھر نکل گئے۔ ‘‘
’’ تمھارے ہی ہاں جا رہا تھا۔ ‘‘
’’ کہو کوئی خاص بات۔ ‘‘
’’ وہ زمین۔۔۔ ‘‘
’’ وہ اب تمھیں نہیں ملے گی۔ ‘‘
’ آخر کیوں۔۔۔ ؟‘‘
’’ تم نے بہت دیر کر دی، اس کا وقت گزر چکا۔ ‘‘
’’ مگر تم نے وعدہ کیا تھا۔ ‘‘
’’ وعدہ۔۔۔ ‘‘ اگر ہر آدمی وعدہ جیسے بے معنی لفظ کا پاس رکھے تو اس بھاگتی ہوئی دنیا کا کوئی اور نام رکھنا ہو گا، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تم خوابوں کی دنیا میں رہتے ہو۔ ‘‘ یہ کہہ کر وہ آگے بڑھ گیا، اس کے ساتھ والے دونوں آدمیوں نے جاتے جاتے اسے اس طرح دیکھا جیسے کہہ رہے ہوں۔ سن لیا ہے نا جواب۔
وہ اس کے ظالمانہ برتاؤ سے پگھل کر رہ گیا، اس کا سر چکرا رہا تھا، زمین کے ٹکڑے کا وہ لالچ آخر اس نے دیا ہی کیوں تھا۔ بد معاش۔۔۔ کمینہ۔۔۔ سفلا۔
اب راستہ چلتے ہوئے اسے احساس ہو رہا تھا جیسے وہ اپنی متاع عزیز کو دور کہیں دفن کر آیا ہو۔
پھر اچانک دیکھتے ہی دیکھتے آسمان کے بے ستون چھت سے ایک مریل سا بیمار پرندہ پھڑپھڑاتا ہوا زمین پر آ گرا، وہ بے تحاشا ہانپ رہا تھا، اس کی چونچ میں دانے کی جگہ کنکری تھی جسے وہ موت کی آغوش میں پہنچ کر بھی چبا رہا تھا، اس نے زمین سے اوپر اٹھنے کی آخری کوشش کی لیکن وہ اڑنے سے پہلے ہی وہیں ڈھیر ہو کر رہ گیا۔ اس نے ایک لمحے کے لیے اس دم توڑتے ہوئے بدصورت پرندے کو دیکھا اور آگے بڑھ گیا۔
سڑک سے لگے قبرستان سے اچانک ایک آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی اور آگے چل کر یہی آواز چند ملی جلی آوازوں میں تبدیل ہو گئی۔
’’ اسحاق اب بہت دیر ہو گئی ہے یا ر، اسے جلدی زمین کے منہ میں ٹھونس دے۔ ‘‘
’’ ابے مرا کیوں جا رہا ہے ، نعش بھاری نہیں ہے ، یہ ٹکڑا ہی اس کے لیے کافی ہے۔ ‘‘اس نے اپنی نکیلی کدال سے زمین پر ایک اور ضرب لگاتے ہوئے کہا۔
’’ مگر تیرا چہرہ تو پسینے میں شرابور ہے ، مجھے دیکھ ہزاروں ہاتھ مارنے پر بھی پھاوڑے پر ابھی تک مٹی جمی نہیں ہے۔‘‘
تیسرا آدمی جو ابھی تک چپ تھا، سرگوشی کے انداز میں کہا :
’’ دیکھ کو ئی قبرستان میں دبے پاؤں داخل ہو رہا ہے ، کون ہو گا وہ ؟ ‘‘
’’ کوئی بھی ہو گا سالا، اپنے کو اس سے کیا لینا دینا۔ ‘‘
مگر وہ تو اسی طرف آ رہا ہے ، کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ اخبار کا رپورٹر ہو۔
نعش کے اطراف تین آدمی کھڑے تھے ، ننگے سر، ننگے پاؤں۔ ان کے چہروں پر بلکہ سارے بدن پر مٹی اٹی ہوئی تھی، وہ ہانپ رہے تھے اور ہانپتے ہوئے وہ کسی بد صورت جنگلی جانور کی طرح دکھائی دے رہے تھے۔
’’ یہ نعش کس کی ہے ؟ ‘‘ اس نے گورکن کے قریب پہنچ کر کہا۔
’’ تمھیں اس سے کیا ؟‘‘
’’ مگر نعش پر تو کفن بھی لپٹا ہوا نہیں ہے ، یہ نعش کی بے حرمتی ہے۔ ‘‘
’’ ہم نے جتنی بھی آج تک نعشیں دفن کی ہیں وہ بے کفن ہی تھیں۔ ‘‘
گورکن کے لہجے میں طنز تھا۔
وہ اداسیوں کے ہالے میں لپٹا ہوا معاً قبرستان سے نکل کر سڑک پر آ گیا۔
اسے یہ دیکھ کر سخت حیرانی ہوئی کہ اس کے سامنے سے اب جو بھی لوگ گزر رہے تھے ان کے چہروں پر سفید پروں والے کبوتروں کے گھونسلے لٹکے ہوئے تھے اور ہونٹوں سے ذرا پرے کالی اور سیاہ مونچھوں کے کئی لچھے۔
اس کے حلق سے ایک بھیانک چیخ نکل گئی اور وہ درختوں کی جھولتی ہوئی شاخوں پر بیٹھے ہوئے پرندے پر ایک بار آسمان کی پنہائیوں میں ڈوب ڈوب گئے۔
٭٭٭

تشکر: جناب اوصاف سعید جس کے توسط سے ان پیج فائل کی فراہمی ہوئی، اور اجازت بھی۔
ان پیج سے تبدیلی، تدوین، پروف ریڈنگ، ای بک: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

کوہِ ندا