کیا ابلیس عالم تھا؟
سید نصیر الدین نصیر گیلانی
سجادہ نشین آستانہ عالیہ غوثیہ مہریہ گولڑہ شریف
بسم اللہ الرحمن الرحیم
وعلم ادم الاسماء کلھا
ترجمہ: اور اللہ تعالیٰ نے آدم کو تمام (اشیاء کے )نام سکھائے۔(القرآن)
ابلیس عالم تھا یا نہیں؟
نومبر 2000 ء کے شمارہ "طلوع مہر" میں "موازنہ علم و کرامت" کے عنوان سے میرا ایک مضمون شائع ہوا۔ جسے قارئین نے بہت پسند کیا، خاص طور پر اندرون بیرونِ ملک سے متعدد علماء و اُدباء نے خطوط تحریر فرمائے۔ جن میں میری اس کاوش کو سراہا گیا۔ میں جواباً یہی کہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جزائے خیر عطا فرمائے ، جو بغض و عناد اور حسد و کینہ کو بلائے طاق رکھ کر نفسِ مضمون کی اہمیت کو سمجھتے اور اس کی قدر کرتے ہیں۔ میں اسے اللہ تعالیٰ کا محض فضل و کرم اور بزرگوں کی روحانی توجہ کا اثر سمجھتا ہوں۔ورنہ
نہ خریدار کا حصہ ہوں نہ حق بائع کا
میں وہ دانہ ہوں جو گِر جائے کفِ میزاں سے
زیرِ نظر مضمون میں بھی کوشش کی گئی ہے کہ اسی علمی موضوع کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ایک عظیم غلط فہمی کا ازالہ کیا جائے۔ یہ ایسی غلط فہمی ہے کہ اس کا ذکر اکثر پڑھے لکھے لوگوں کی زبان سے سننے کا اتفاق ہوا۔یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ علم انسان کے لیے سب سے بڑی دولت ہے مگر ستم ظریفی یہ ہے کہ بعض اوقات اس کی نسبت کسی بزرگ ہستی یا اپنے کسی من پسند انسان کی طرف ہو تو کچھ لوگ اسے یعنی علم کو وراثتِ انبیاء قرار دے کر اس شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہی کہ یہ شخص انبیاء علیہم کا وارث ہے اور جب اسی علم کی نسبت کسی ایسے شخص سے کر دی جائے جو ان کا من پسند نہ ہویا جن سے اس کی مخالفت ہو تو وہی لوگ بغض اور حسد کی بنا پر یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ علم تو شیطان میں بھی تھا،یا یہ کہ یوں تو شیطان بھی بڑا عالم تھا۔اس طرزِ گفتگو سے ان کا مقصد اپنے مخالف کی تحقیر و تذلیل ہوتا ہے کہ اگر ان کا کوئی مخالف صاحب علم ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے ،عالم ہونے کو تو ابلیس بھی بہت بڑا عالم تھا گویا یہ کہہ کر وہ اپنے ذہن کے مطابق تو اپنے مخالف کی تحقیر کرتے ہیں،مگر حقیقت میں وہ علم اور جملہ اہلِ علم کی تذلیل کر رہے ہوتے ہیں۔بلاشبہ ایسے جہلا اورحاسدین کا یہ عمل انتہائی گھٹیا پن کی غمازی کرتا ہے۔وہ اپنے کسی مخالف یا مدِّ مقابل کو گرانے اور بے وقعت ثابت کرنے کی خاطر تمام بزرگوں اور اربابِ علم کی علمی فضیلت پر ہاتھ صاف کر دیتے ہیں۔
بقول شاعر:
صرف میرے آشیاں کے چار تنکوں کے لیے
برق کی زد پر گلستاں کا گلستاں رکھ دیا
ابلیس کے عالم و فاضل ہونے کی روایت جو عموماً بیان کی جاتی ہے ،تحقیق بسیار کے باوجود بھی اس کا کسی مستند کتاب میں کم از کم مجھے کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔مسلمانوں کے نزدیک کسی چیز کے قبول یا رد کرنے کے صرف دو معیار ہیں،ایک قرآن مجید اور دوسرا احادیث۔ احادیث کے سلسلہ میں بھی تحقیق کرنا علماء کا دستور ہے کہ یہ حدیث با اعتبارِ صحت کس درجہ کی ہے۔ پھر اس کی صحت ثابت ہو جانے کے بعداسے تسلیم کرنا ضروری ہوتا ہے۔میں نے اس مسئلہ پر بہت عرصہ غور و خوض کیا، آخر قرآن مجید کے حوالے سے جس نتیجہ پر پہنچا وہ ساری بحث ہدیہ قارئین کرنا چاہتا ہوں۔یہ حقیقت ہے کہ انسان کے علم سے ملائکہ کا علم کم ہے اس پر
وعلّم آدم الاسماء کلّھااور قالوا لاعلم لنا اِلّا ما علّمتنا
کی آیات شاہد ہیں۔ رہا یہ کہ ابلیس کے حدود اربعہ کیا ہیں۔ قرآنِ مجید اس سلسلے میں فرماتا ہے کہ
کان من الجنّ ففسق۔۔۔ الخ۔
ابلیس ملائکہ میں سے نہیں تھا بلکہ قبیلہ ٔ جنّات سے تھا۔ تفسیر روح المعانی میں علّامہ الشیخ السیّد محمود احمد آلوسی بغدادی حنفی فرماتے ہیں:
(کان من الجن) فقیل کان اصلہ، جنّیا، وھذا ظاہر فی انّہ، لیس من الملائکۃ۔۔۔ و ھو قول کثیر من العلمائ حتّی قال الحسن فیما أ خرجہ عنہ ابن المنذر وابن ابی حاتم قال اللہ تعالیٰ اقوامً زعموا ان ابلیس من الملئکۃ واللہ تعالیٰ یقول(کان میں الجن) واخرجَ عنہ ابن جریروابن الانباری فی انّہ اصل الجنن کما انّ آدم علیہ السلام اصل الانس، فیہ دلالتہ علی لم یکن قبلہ، جنّ کما لم یکن قبل آدم علیہ السلام انس۔۔ الخ
یہاں علّامہ محمود بغدادیؒ نے اگرچہ اور بھی متعدد اقوال نقل فرمائے ہیں اور اُن پر کافی اعتراض و جواب کا سلسلہ بھی چلایا ہے مگر گھوم پھر کر زیادہ معتبر قول یہی ہے جو ہم اُوپر نقل کر آئے ہیں کیوں کہ اگر ابلیس کو ملک (فرشتہ) مانا جائے تو پھر فرشتوں کا معصوم ہونا باقی نہیں رہے گا۔
فرشتوں سے نافرمانی ہونا ظاہر ہو گا جب کہ لا یعصون اللّٰہ مَا اَمَرھُم و یفعلون مَا یومرونَ اس کی نفی کرتا ہے۔ اگر یہاں یہ کہہ دیا جائے کہ فرشتے سب کے سب معصوم نہیں بلکہ ملائکۂ رسل اور ملائکۂ مقربین ہی معصوم ہیں، اور اُن کے علاوہ عام فرشتے غیر معصوم ہیں تو پھر شیطان (ابلیس) عام فرشتوں میں سے ماننا پڑے گا جب کہ دلائل و آثار اس کے خلاف ملتے ہیں۔ بلکہ وہ تو انتہا درجے کا مقّربِ بارگاہِ الٰہی بن چکا تھا۔ اسی طرح حاشیہ شیخ زادہ محی الدّین علی البیضاوی میں ہے۔
قرر قبح الکبر الفتخار ببیان انّہٗ من سنن ابلیس فانّہ لمّا امتنع عن السجود لآدم استکبار او افتخار بانَ اصلہ نارو اَصل آدم تراب ، و النّار علوی نورانی لطیف فیکون اشرف من التراب الّذی ھوسفلی ظلمانی کثیف و اداہ ذٰلِک الکبر اِلیٰ ان صارَ ملعونا مخلدا فی النار بعد ان کان رئیس الملائکہ۔۔۔ الخ
اس عبارتِ محولہ سے دو حقیقتیں مترشح ہوئیں۔ پہلی تو یہ کہ ابلیس کی تخلیق آگ سے ہے ، اسی لئے وہ قبیلہ جنات میں سے ہے نہ کہ جماعتِ ملائکہ میں سے۔ دوسری یہ کہ اُس نے سجدہ آدم سے انکار غرور و تکبر کی وجہ سے کیا اور وجہ کبر و افتخار اُس کا یہ زعم تھا کہ میں اصل و تخلیق یعنی نسب کے اعتبار سے آدم سے افضل و بہتر ہوں۔ اِس سے آگے اگرچہ علامہ شیخ زادہ نے ابلیس کے لفظِ معلم بھی استعمال کیا ہے مگر اوّلاً تو یہ معلم و مجتھد فی العبادہ مراد ہے۔ جیسا کہ عبارتِ مندرجہ ذیل صراحت کر رہی ہے معلم و اشدًھم اجتھاد فی العبادہٗ ثانیاً کسی آیت قُرآنی یا حدیث نبّوی سے اِس قولِ مذکور کی تائید نہیں ہوتی جب کہ ہمارے پیش کردہ موقف کی پشت پر دلائلِ قرآن و حدیث موجود ہیں۔
علّامہ شہاب الدین خفاجی(رحمۃاللہ علیہ) حاشیہ بیضاوی میں فرماتے ہیں:
الفاء اللتسبب لبیان تسبب فسقہ عن کونہ من الجنّ اذشاءنھم التمرّد ،
یعنی فسق میں فاء بیانِ تسبب کے لئے ہے کہ ابلیس کے انکارِ سجدہ کا سبب اُس کا جِن ہونا ہے۔ کیوں کہ جنّات کی سرشت میں بغاوت اور تمرّد ہے۔علّامہ قاضی بیضاوی (رحمۃاللہ علیہ) کا بھی ایک قول یہی ہے۔
وفیہ دلیل علیٰ ان الملک لا یعصی البتتہ وانّما عصیٰ ابلیس لانَہ کان جیَنا فی اصلہ،
یعنی اس میں دلیل ہے اس بات کی کہ بے شک فرشتے نافرمانی نہیں کرتے اور ابلیس نے جو نافرمانی کی اور انکارِ سجدہ کا مرتکب ہوا، اُس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اصل کے اعتبار سے جِن ہی تھا۔ تفسیر جلالین شریف میں دونوں قول نقل کئے گئے کہ وہ فرشتہ تھا اور فرشتوں ہی کی ایک قسم کو جِن کہا جاتا ہے۔ دوسرا قول یہ ہے کہ وہ ابوالجنّ یعنی سب جنوں کا بابا تھا اور اِسی قول پر حاشیۂ صاوی میں علّامہ صاوی (رح) راجح و حق فرماتے ہیں۔ اسی دوسرے قول پر حاشیۂصاوی میں ہے۔
وابلیس ابوالجنّ ھذا توجیہ لکو نہ منقطعاً و ھو الحقّ و علیہ فالجنّ نوع آخر غیر الملئکہ فالجنّ من نار والملٰئکہ من نور،
یعنی ابلیس کا ابوالجنّ ہونا یہ توجیہ الّا ابلیسَ کے استثنا منقطع ہونے کی صور ت میں ہے جہاں مستثنیٰ، مستثنیٰ منہ، کی جنس سے نہیں ہوتا اور یہی قول حق ہے کہ جن ّ ایک دوسری نوع ہے ، فرشتوں سے الگ تھلک، جنّ کی تخلیق آگ سے ہوئی ہے جبکہ فرشتوں کی تخلیق نور سے ہوئی ہے۔ حاشیہ کمالین علیٰ الجلالین میں بھی اندازِ لطیف کے ساتھ یہ فیصلہ موجود ہے۔
استدلّ بذکر الذریّہ علی انّہ، من الجن وَ الملائکہ لا ذریّہ لھُم۔۔۔ الخ
یعنی اس آیت میں لفظ ذریّتہ سے یہ استدلال کیا گیا ہے کہ ابلیس کا تعلق جنّات سے ہے کیونکہ ملائکہ کی کوئی اولاد نہیں ہے۔یہ سلسلۂ توالد و تناسل جنّات میں ہے ، نہ کہ ملائکہ میں۔بہرحال جب یہ امر پایۂ ثبوت کو پہنچ گیا کہ ابلیس اصلیت کے اعتبار سے جن ہے اور اُس کی تخلیق آگ سے ہوئی ہے تو اب پھر اسی نصِّ قرآنی کی رُو سے یہ ثابت ہو رہا ہے کہ ابلیس کے استکبار و افتخار کا سبب اُس کا آگ سے پیدا ہونا ہے جس پر اُس نے ناز کرتے ہوئے کہا تھا۔
اناخیر منہ خلقتنِی من نارِوَخلقتہٗ من طین
تو اس کے فخر و تکبر کا سبب افتخارِ اصل و نسب کا نشہ تھا نہ کہ وجودِ صفتِ علم جیسا کہ حاشیہ شیخ زادہ محی الدین میں بھی یہ صراحت موجود ہے جس کی تائید نصِ قطعی سے بھی ہو رہی ہے۔ ہم ان متقدمین، مفسرین، اکابر و اسلاف علماء کے وہ تمام اقوال بے چون و چرا تسلیم کرتے ہیں، جن کی پشت پر کتاب و سنت کے مضبوط دلائل موجود ہوں جیسا کہ اسی مندرجہ ذیل قول کی حیثیت ہے۔شیخ زادہ فرماتے ہیں:
لما امتنع عن السجود لآدم اسکتبارا و افتخارا بان اصلہ نار و اصل آدم تراب
یہ طے ہو گیا کہ ابلیس ملائکہ میں سے نہیں اور یہ کہ خلقتنی من نار و خلقتہ من طین کے اعتبار سے ابلیس آگ سے پیدا کیا گیا جب کہ ملائکہ ابلیس سے افضل قرار پائے۔ جب ان کا علم انسان کے مقابلے میں کم ہے جیسا کہ سابقا مذکور ہوا۔ جن اشیاء کے اسماء و حقیقت کی خبر دینے سے ملائکہ عاجز آ کر یوں عرض گزار ہوئے لا علم لنا الا ما علمتنا
حضرت آدم علیہ السلام نے ان کو بیان کر دیا۔ جس کے نتیجے میں ملائکہ کو حکم ہوا کہ آدم کو سجدہ کرو تو ابلیس کا (جو کہ ہر اعتبار سے ملائکہ سے کم ہے ) علم انسان کے علم سے بدرجہ اولیٰ کم ہوا یہ بات تو آیات کے ان واضح مفاہیم سے ثابت ہو گئی۔
اب آگے چلیے۔ راقم الحروف کی تحقیق کے مطابق قرآن و حدیث میں کہیں بھی ابلیس کے علم و فضل کی کوئی صراحت یا اشارہ نہیں ملتا۔ بلکہ عوام کا یہ ایک خود ساختہ اور بے سند مفروضہ ہے۔ البتہ آدم اور ذریت آدم(انسان)کے علمی مدارج کا تذکرہ قرآن و حدیث میں کئی مقامات پر بہ اندازِ تعریف پایا جاتا ہے۔ چنانچہ والذین اوتوا العلم درجٰت(القرآن11:5﴾ کی یہ آیت ایک اصول بیان کر رہی ہے کہ اہلِ علم بارگاہِ رب العزت میں درجاتِ عالیہ کے حامل ہیں جو حضرات شیطان کا صاحب علم ہونا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ ان پر لازم آتا ہے کہ وہ اس کے لیے قرب خداوندی کا تعین بھی فرمائیں۔ اسی طرح طبقہ عوام میں شیطان کا معلم الملکوت ہونا بھی مشہور ہے ، جو بالکل بے سند ہے کوئی نصِ قطعی یا کوئی متن حدیث اس جاہلانہ مفروضے کی تائید میں موجود نہیں۔ جیسا کہ ہم نے ماقبل میں حاشیہ شیخ زادہ کے حوالے سے تحریر کیا کہ اگر لفظِ معلم ابلیس کے لیے استعمال ہوا بھی ہے تو عابد و زاہد کے مفہوم میں نیز اس قول کی تائید کتاب و سنت سے نہیں ہوتی لہذا جن لوگوں کا خیال ہے کہ ابلیس کے اندر انکارِ سجدہ کی علت اس کا علمی کبر تھا غلط ہے۔ اس لیے خالقِ خیر و شر نے اپنی آخری کتاب قرآن مجید کی آیت کریمہ انا خیر منہ خلقتنی من نار و خلقتہ من طین میں ابلیس کے زعم فضیلت اور انکار سجدہ کی علت اس کے عنصر تخلیق یعنی آگ اور پھر مٹی پر اس کے احساس برتری کو قرار دیا ہے۔ اگر انکار سجدہ کی علت ابلیس کا کبرِ علم تسلیم کیا جائے ، جیسا کہ عوام میں مشہور ہے تو اس کی علتِ انکار کی تکذیب لازم آئے گی جس کا ذکر آیتِ محولہ میں باری تعالیٰ نے خود فرمایا ہے۔ ثابت ہوا کہ ابلیس کی علتِ انکار، علم نہ تھا بلکہ آتش نسبی تھی، جس نے اس کے دل میں فضیلت کے دبے ہوئے شعلہ احساس کو ہوا دی اور اسے عناصر کی طبقاتی تفریق اور معاشرتی درجہ بندی کے تصور کا موجد بنا دیا۔یوں بھی علم سے تکبر کی بجائے انکسار اور خشیت الٰہی پیدا ہوتی ہے۔اللہ تعالیٰ نے علماء کے علم کو ان کی خشیت کا سبب قرار دیا ہے ، چنانچہ ارشاد ہوا
انما یخشی اللہ من عبادہ العلماء
اللہ تعالیٰ سے اس کے بندوں میں سے وہی ڈرتے ہیں جو علم والے ارباب معرفت ہیں۔ (القرآن 28:35)
اگر ابلیس میں علمائے امت جیسا علم و عرفان ہوتا تو مذکورہ بالا قرآنی تصریح کے مطابق اس کا لازمی نتیجہ خشیتِ الٰہی ہوتا اور نتیجہ خشیت انکار نہیں، بلکہ اطاعت ہوتا ہے۔ اگر ذرا غور سے کام لیا جائے تو مذکورہ بالا آیہ مبارکہ ہی سے ابلیس کا عدمِ علم ثابت ہو جاتا ہے ، وہ اس طرح کہ آیتِ کریمہ کے مطابق علم و عرفان کا نتیجہ خشیت اور خشیت کا نتیجہ اطاعت ہے ، چونکہ ابلیس نے حکم خداوندی کی اطاعت نہیں کی لہذا اس میں خشیت الٰہی نہیں تھی۔ اور جس میں خشیت الٰہی نہ ہو، اسے محولہ نصِ قرآنی کے مطابق علماء یا اہل علم کی صف میں شمار نہیں کیا جا سکتا پس یہ امر پایہ ثبوت تک پہنچ گیا کہ ابلیس پر لفظِ عالم کا اطلاق قطعاً نادرست اور ناروا ہے اور یہ کہ ابلیس اور علمائے امت میں مماثلت ثابت کرنا علم اور علماء کی تذلیل و توہین کے مترادف ہے۔ علم کے وسیع تر معنوں میں کسی ذی شعور کا کچھ نہ کچھ جاننا، اسے صاحب علم کہنے کے لیے کافی ہے۔ چنانچہ اگر علم کے اس لغوی معنی (جاننا)کے اعتبار سے دیکھا جائے تو کائنات میں تصورِ جہالت ہی ختم ہو جاتا ہے۔ اس لیے ہر ذی شعور شے اپنے مرجع و معاد اور اپنے فطری امیال و عواطف کا علم و ادراک جو اسے فطرت نے ودیعت کیا ہے بدرجہ اتم رکھتی ہے کیا ہر ذی شعور کو صرف اسی بنا پر عالم یا صاحب علم کہہ دیا جائے کہ اسے کچھ نہ کچھ علم تو ہے وہ جمادات کی طرح مطلق بے شعور، جاہل اور ساکت و جامد تو نہیں۔ ایسا فکر بجائے خود ایک بہت بڑی جہالت ہو گا۔ اگر بالفرض ایسا ہو تو آیتِ محولہ میں اللہ تعالیٰ نے جن ارباب علم کا بطورِ خاص ذکر فرمایا ہے ان میں اور معمولی شعور اور عام معلومات رکھنے والوں میں کیا تمیز رہ جائے گی؟جن اصحاب علم کے اقوال و اعمال سے کبر مترشح ہو انہیں حقیقی عالم نہیں کہا جا سکتا بلکہ ایسے جہالت پروردہ اور نام نہاد اربابِ دانش روح علم کے نہیں، صرف الفاظ کے چند کھوکھلے ڈھانچوں کے وارث سمجھے جائیں گے۔ جن کے الفاظ میں علم کی روح بولتی ہو، اہل نظر انہیں رومی، جامی، غزالی اور رازی کے ناموں سے پکارا کرتے ہیں۔ظاہر ہے کہ جو دانشور محض الفاظ کے بے روح ڈھانچوں سے قوم کے مردہ ذہنوں کی مسیحائی کا اہتمام کرتے ہیں وہ بے چاری قوم کو حیاتِ نو سے کیوں کر ہمکنار کر سکتے ہیں؟جب کہ ان کے اپنے اثاثہ حیات پر فنا کی مہر ثبت ہے۔ بہرحال یہ طے ہے کہ کبر کا سلسلہ نسب علم سے نہیں جہالت سے ملتا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ جس انسان میں جتنی جہالت ہو گی اس میں اتنا ہی تکبر پایا جائے گا اور یہ کہ کبرِ علم تو کسی نہ کسی طرح برداشت کیا جا سکتا ہے۔ مگر کبرِ جہالت تو ایک ایسی قیامت ہے جس کا کوئی بھی معقول ذہن متحمل نہیں ہو سکتا۔بقول عارف رومی:
ناز را روئے بباید ہم چوں ورد
گر نداری گردِ بد خوئی مگرد
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کبرِ علم سے بچائے تو کبرِ جہل سے بھی محفوظ رکھے۔ کبرِ جہالت سے مراد کچھ نہ جانتے ہوئے بھی اپنی ذات و صفات کو ایک ناقابلِ تردید حقیقت اور اپنی ہر بات کو حرفِ آخر خیال کرنا ہے۔ ہم اپنے اس دعوے کی دلیل میں صرف ابوجہل کا رویہ اور اس کی ذات ہی کو پیش کر دینا کافی سمجھتے ہیں۔بہرحال قدرت جسے جو کچھ دیتی ہے کسی حکمت کے تحت ہی دیتی ہے۔علم جیسی منزل نما اور انکسار آموز صفاتی دولت جسے وہ اپنے بعد اپنے برگزیدہ بندوں میں سے انبیاء کرام، علمائے امت اور اولیائے عظام کو عطا کرتی ہے۔ ابلیس جیسے ایرے غیرے پر کیسے لٹا سکتی ہے کیونکہ بقولِ راقم الحروف:
یہ ایسی شے نہیں ہے جو یہاں رکھ دی وہاں رکھ دی
اگر بقولِ بعض ابلیس کو ایک عالم و فاضل شخصیت ہی تسلیم کر لیا جائے تو پھر انبیاء علیہما السلام اور ان کی امت کے خواص کے لیے علم وجہِ امتیاز و اختصاص نہیں رہ جاتا کیونکہ اس طرح ابلیس بھی ان کی اس صفتِ مخصوصہ (علم )میں برابر کا شریک ٹھہرتا ہے اور پھر علم تو باری تعالیٰ کی ایک ایسی صفتِ کبریٰ ہے جس میں ہدایت اور نور کا مفہوم پایا جاتا ہے۔ اگر ابلیس جیسے راندہ درگاہ کا ظلمت کدہ دل اس نور سے روشن ہوتا تو پھر اس کے لیے فاخرج منھا فانک رجیم۔ وانک علیک اللعنۃ الی یوم الدین
کے الفاظ وارد نہ ہوتے جیسا کہ امامِ شافعی ؒ فرماتے ہیں۔
لانَ العلم نورٌ من الٰہِ
و انَ النّور لَا یُعطیٰ لِعاصی
اس سلسلے میں آخری گزارش یہ ہے کہ اگر ابلیس کو علم مل گیا ہوتا ، پھر اُس سے انکارِ سجدہ کی توقَع محال تھی کیونکہ اقرار و انکار کے موقع و محل کا ادراک تو علم کے ابتدائی مدارج میں سے ہے۔ اُمید ہے کہ وہ لوگ جو کم علمی کے باعث شیطان اور اہلِ علم میں مماثلت پیدا کرتے ہوئے ناشائستہ جُملے استعمال کر دیتے ہیں ہمارے اِس تفصیلی تبصرے کو پڑھ کر آئندہ اِس قسم کے اندازِ فکر سے اپنے ذہن کو محفوظ رکھنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ دُوسروں کے ذہنی خلفشار کا ازالہ بھی کریں گے۔
من آنچہ شرطِ بلاغ است باتو می گویم
تو خواہ از سخنم پند گیر، خواہ ملال)
٭٭٭
ماخذ
www.alqlmlibrary.org /library
القلم ریسرچ لائبریری کی اصل پیشکش
تدوین اور ای بک۔۔۔اعجاز عبید
کیا ابلیس عالم تھا؟
سید نصیر الدین نصیر گیلانی
ابلیس عالم تھا یا نہیں؟
نومبر 2000 ء کے شمارہ "طلوع مہر" میں "موازنہ علم و کرامت" کے عنوان سے میرا ایک مضمون شائع ہوا۔ جسے قارئین نے بہت پسند کیا، خاص طور پر اندرون بیرونِ ملک سے متعدد علماء و اُدباء نے خطوط تحریر فرمائے۔ جن میں میری اس کاوش کو سراہا گیا۔ میں جواباً یہی کہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جزائے خیر عطا فرمائے ، جو بغض و عناد اور حسد و کینہ کو بلائے طاق رکھ کر نفسِ مضمون کی اہمیت کو سمجھتے اور اس کی قدر کرتے ہیں۔ میں اسے اللہ تعالیٰ کا محض فضل و کرم اور بزرگوں کی روحانی توجہ کا اثر سمجھتا ہوں۔ورنہ
نہ خریدار کا حصہ ہوں نہ حق بائع کا
میں وہ دانہ ہوں جو گِر جائے کفِ میزاں سے
زیرِ نظر مضمون میں بھی کوشش کی گئی ہے کہ اسی علمی موضوع کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ایک عظیم غلط فہمی کا ازالہ کیا جائے۔ یہ ایسی غلط فہمی ہے کہ اس کا ذکر اکثر پڑھے لکھے لوگوں کی زبان سے سننے کا اتفاق ہوا۔یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ علم انسان کے لیے سب سے بڑی دولت ہے مگر ستم ظریفی یہ ہے کہ بعض اوقات اس کی نسبت کسی بزرگ ہستی یا اپنے کسی من پسند انسان کی طرف ہو تو کچھ لوگ اسے یعنی علم کو وراثتِ انبیاء قرار دے کر اس شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہی کہ یہ شخص انبیاء علیہم کا وارث ہے اور جب اسی علم کی نسبت کسی ایسے شخص سے کر دی جائے جو ان کا من پسند نہ ہویا جن سے اس کی مخالفت ہو تو وہی لوگ بغض اور حسد کی بنا پر یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ علم تو شیطان میں بھی تھا،یا یہ کہ یوں تو شیطان بھی بڑا عالم تھا۔اس طرزِ گفتگو سے ان کا مقصد اپنے مخالف کی تحقیر و تذلیل ہوتا ہے کہ اگر ان کا کوئی مخالف صاحب علم ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے ،عالم ہونے کو تو ابلیس بھی بہت بڑا عالم تھا گویا یہ کہہ کر وہ اپنے ذہن کے مطابق تو اپنے مخالف کی تحقیر کرتے ہیں،مگر حقیقت میں وہ علم اور جملہ اہلِ علم کی تذلیل کر رہے ہوتے ہیں۔بلاشبہ ایسے جہلا اورحاسدین کا یہ عمل انتہائی گھٹیا پن کی غمازی کرتا ہے۔وہ اپنے کسی مخالف یا مدِّ مقابل کو گرانے اور بے وقعت ثابت کرنے کی خاطر تمام بزرگوں اور اربابِ علم کی علمی فضیلت پر ہاتھ صاف کر دیتے ہیں۔
بقول شاعر:
صرف میرے آشیاں کے چار تنکوں کے لیے
برق کی زد پر گلستاں کا گلستاں رکھ دیا
ابلیس کے عالم و فاضل ہونے کی روایت جو عموماً بیان کی جاتی ہے ،تحقیق بسیار کے باوجود بھی اس کا کسی مستند کتاب میں کم از کم مجھے کوئی ثبوت نہیں مل سکا۔مسلمانوں کے نزدیک کسی چیز کے قبول یا رد کرنے کے صرف دو معیار ہیں،ایک قرآن مجید اور دوسرا احادیث۔ احادیث کے سلسلہ میں بھی تحقیق کرنا علماء کا دستور ہے کہ یہ حدیث با اعتبارِ صحت کس درجہ کی ہے۔ پھر اس کی صحت ثابت ہو جانے کے بعداسے تسلیم کرنا ضروری ہوتا ہے۔میں نے اس مسئلہ پر بہت عرصہ غور و خوض کیا، آخر قرآن مجید کے حوالے سے جس نتیجہ پر پہنچا وہ ساری بحث ہدیہ قارئین کرنا چاہتا ہوں۔یہ حقیقت ہے کہ انسان کے علم سے ملائکہ کا علم کم ہے اس پر
وعلّم آدم الاسماء کلّھااور قالوا لاعلم لنا اِلّا ما علّمتنا
کی آیات شاہد ہیں۔ رہا یہ کہ ابلیس کے حدود اربعہ کیا ہیں۔ قرآنِ مجید اس سلسلے میں فرماتا ہے کہ
کان من الجنّ ففسق۔۔۔ الخ۔
ابلیس ملائکہ میں سے نہیں تھا بلکہ قبیلہ ٔ جنّات سے تھا۔ تفسیر روح المعانی میں علّامہ الشیخ السیّد محمود احمد آلوسی بغدادی حنفی فرماتے ہیں:
(کان من الجن) فقیل کان اصلہ، جنّیا، وھذا ظاہر فی انّہ، لیس من الملائکۃ۔۔۔ و ھو قول کثیر من العلمائ حتّی قال الحسن فیما أ خرجہ عنہ ابن المنذر وابن ابی حاتم قال اللہ تعالیٰ اقوامً زعموا ان ابلیس من الملئکۃ واللہ تعالیٰ یقول(کان میں الجن) واخرجَ عنہ ابن جریروابن الانباری فی انّہ اصل الجنن کما انّ آدم علیہ السلام اصل الانس، فیہ دلالتہ علی لم یکن قبلہ، جنّ کما لم یکن قبل آدم علیہ السلام انس۔۔ الخ
یہاں علّامہ محمود بغدادیؒ نے اگرچہ اور بھی متعدد اقوال نقل فرمائے ہیں اور اُن پر کافی اعتراض و جواب کا سلسلہ بھی چلایا ہے مگر گھوم پھر کر زیادہ معتبر قول یہی ہے جو ہم اُوپر نقل کر آئے ہیں کیوں کہ اگر ابلیس کو ملک (فرشتہ) مانا جائے تو پھر فرشتوں کا معصوم ہونا باقی نہیں رہے گا۔
فرشتوں سے نافرمانی ہونا ظاہر ہو گا جب کہ لا یعصون اللّٰہ مَا اَمَرھُم و یفعلون مَا یومرونَ اس کی نفی کرتا ہے۔ اگر یہاں یہ کہہ دیا جائے کہ فرشتے سب کے سب معصوم نہیں بلکہ ملائکۂ رسل اور ملائکۂ مقربین ہی معصوم ہیں، اور اُن کے علاوہ عام فرشتے غیر معصوم ہیں تو پھر شیطان (ابلیس) عام فرشتوں میں سے ماننا پڑے گا جب کہ دلائل و آثار اس کے خلاف ملتے ہیں۔ بلکہ وہ تو انتہا درجے کا مقّربِ بارگاہِ الٰہی بن چکا تھا۔ اسی طرح حاشیہ شیخ زادہ محی الدّین علی البیضاوی میں ہے۔
قرر قبح الکبر الفتخار ببیان انّہٗ من سنن ابلیس فانّہ لمّا امتنع عن السجود لآدم استکبار او افتخار بانَ اصلہ نارو اَصل آدم تراب ، و النّار علوی نورانی لطیف فیکون اشرف من التراب الّذی ھوسفلی ظلمانی کثیف و اداہ ذٰلِک الکبر اِلیٰ ان صارَ ملعونا مخلدا فی النار بعد ان کان رئیس الملائکہ۔۔۔ الخ
اس عبارتِ محولہ سے دو حقیقتیں مترشح ہوئیں۔ پہلی تو یہ کہ ابلیس کی تخلیق آگ سے ہے ، اسی لئے وہ قبیلہ جنات میں سے ہے نہ کہ جماعتِ ملائکہ میں سے۔ دوسری یہ کہ اُس نے سجدہ آدم سے انکار غرور و تکبر کی وجہ سے کیا اور وجہ کبر و افتخار اُس کا یہ زعم تھا کہ میں اصل و تخلیق یعنی نسب کے اعتبار سے آدم سے افضل و بہتر ہوں۔ اِس سے آگے اگرچہ علامہ شیخ زادہ نے ابلیس کے لفظِ معلم بھی استعمال کیا ہے مگر اوّلاً تو یہ معلم و مجتھد فی العبادہ مراد ہے۔ جیسا کہ عبارتِ مندرجہ ذیل صراحت کر رہی ہے معلم و اشدًھم اجتھاد فی العبادہٗ ثانیاً کسی آیت قُرآنی یا حدیث نبّوی سے اِس قولِ مذکور کی تائید نہیں ہوتی جب کہ ہمارے پیش کردہ موقف کی پشت پر دلائلِ قرآن و حدیث موجود ہیں۔
***
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)