کیا تُم پورا چاند نہ دیکھو گے
﴿ طویل نظم سے اقتباسات﴾
فہمیدہ ریاض انتخاب: زرقا مفتی
کیا تُم پورا چاند نہ دیکھو گے
پہلا باب
میں چلی جا رہی ہوں، اپنے مقسوم کا بوجھا ڈھوتی
اپنے دور کی دیواروں سے سر پٹختی
میں چلی جا رہی ہوں اپنے پسینے میں بہتی
دھوپ میں چلتے چلتے عہد کرتی ہوں
میں ایک رزمیہ لکھوں گی
جنگجو شہ سواروں کی ٹاپوں سے دھمکتا
قیامت خیز طوفانوں سے گرجتا
بجلیوں کے کوڑے پھٹکاتا ہوا
خُون آشام تلواروں کی جھنکار لیے
شعلے اور انگارے برساتا
میرا قلم اسے گائے گا
اور وہ
میرے ہزار جنموں کے تلملاتے خون سے رنگا
سُرخا سُرخ پرچم بن کر
سڑکوں پر دُور دُور تک جھُولے گا
میرا رزمیہ ہزار بم بن کر پھٹے گا
اور پتھر کی طرح ٹھنڈے ستم کا یہ پُورا کاک محل ڈھا دے گا
اس کا ملبہ پوری دھرتی پر بکھر جائے گا
دھُول ، سی دھُول اُڑے گی
اتراتی اُونچی عمارتوں کے پتھر سجدے میں گر جائیں گے
اور ان اُونچی ماڑیوں میں
فوم کی گدیوں پر سجے یہ مونجھ کے پُتلے
خاک میں دب جائیں گے ہمیشہ کے لئے
ان کے چیتھڑے بھی نہ مل سکیں گے۔۔۔
٭٭
٭٭
مجھے سب کُچھ سچ سچ بتانے دو
مجھے کچھ بھی مت چھُپانے دو
سب کُچھ۔۔۔۔ پورا سچ
ڈرو مت، پورا سچ بدصورت نہیں ہوتا
اس میں جو کچھ بد نُما ہے
وہ تو چاند کے داغ کی مانند ہے
کیا تُم پورا چاند نہ دیکھو گے؟
کیا تُم نے کبھی خوف کی شکل دیکھی ہے؟
۔۔۔شاید کسی نے بھی نہیں دیکھی
اس کا چہرہ سفید پٹیوں سے ڈھکا ہوتا ہے
اور ہاتھوں میں انجانے حکم نامے ہوتے ہیں
جن کی تعمیل۔۔۔
بھیانک خواب کی مانند
بے جوڑ اور مبہم ہے
اس وقت یہ کبھی نظر نہیں آتا
جب مقابلہ کا لمحہ حقیقت بنے
اور تُم دانت بھینچے اس لمحہ سے گُتھم گتھا ہو
اپنے قہر کا قطرہ قطرہ چوس کر
گھناؤنے لمحے کی آنکھوں سے آنکھیں لڑا دو
اور تھوک دو اس کے چہرہ پر
ہزار جنموں کی حقارت منھ میں بھر کے
اس وقت ۔۔۔۔۔ یہ دروازے کے پیچھے چھُپ جاتا ہے۔۔۔۔۔
٭٭
٭٭
ہماری نظریں کیوں گڑ جاتی ہیں زمین میں؟
اے زمین ہمیں جواب دے
ہم نے تجھے آنسوؤں کی چلمن سے دیکھا ہے
وردیوں سے بھری ٹرک گزر رہی ہے
اطمینان کا بھونپو بجاتی ہوئی
ایک دل میں۔۔۔
ایک نہتے دل میں
مچلی ہے پگلاہٹ
زمین پر پڑا پتھر منتظر آتا ہے
اسے کوئی ہاتھ میں اُٹھا لے کیا؟
زور سےدے مار ے اس وردیوں سے بھری ٹرک پر
شاید ، ان کے اندر
کہیں کسی گریبان میں
کوئی دل بھی ہو گا
جو چھن سے بج اُٹھے گا
ایک تنہا، نہتی آرزو مچل رہی ہے
ایک دل میں
ایک ہزار دلوں میں
بے شمار دلوں میں
کروڑوں دلوں میں دھڑکتی ہوئی
حلقوموں میں پھنستی ہوئی
مگر پھر بھی تنہا
مجبور ۔ مجبور
نہیں اس ٹرک میں کوئی دل نہیں
نہیں، اس میں صرف وردیاں بھی نہیں
اس میں بندوقیں ہیں
اور ان کی گولیاں دلوں سے ٹکراتی ہیں
تب آوازیں سُنتی نہیں
یہ تو آوازوں کو ہلاک کرنے کے لیے ہی چلائی جاتی ہیں۔۔۔۔
٭٭
دوسرا باب
عدالتیں کسی بھی طرح کی ہوں سرسری ہی ہوتی ہیں میرے دیس میں
تمہارا کرم مہربانو
کہ تُم نے مجھے جیتی آنکھوں
یہ محشر کا عالم دکھا دیا
دھکم پیل، گھبرائے قدم
ہراساں چہرے ۔۔۔
٭٭
٭٭
افسران مُسکرا رہے ہیں
اُف اتنی دبیز مسکراہٹ
بے بسی کے پردے میں عیاری
اور عیاری تو خود ایک پردہ ہے
بے بسی کا
پرت در پرت
یہ سلسلہ کہیں ختم نہیں ہوتا
انھی دو عناصر کو گوندھ کر
تاریخ نے ہمارا افسر گھڑا ہے
٭٭
٭٭ اخّاہ تو آپ ہیں وہ شاعرہ افسوس آپ کن جھمیلوں میں پڑ گئیں ٭٭
میں نے شعر لکھا
اپنے آنسوؤں سے
بلک بلک کر لکھا
خون کی بوندوں سے نقطے ڈالے
اپنے گوشت کو چیر پھاڑ کر ریشے نکالے
اور انہیں قافیہ میں باندھا
بے بسی کے ناخنوں سے
میں نے اپنی ہتھیلی پر شعر گودا
اور تمہیں دکھایا
تُم غلیظ ہنسی ہنس پڑے
آہا ہا ۔۔۔۔ننگی شاعری
تم نے کہا
اور میرے کلام سے فحاشی کرنے لگے
میں سر پٹکتی رہ گئی
میں سر پٹکتی رہ گئی
ان گیلے دعوت ناموں پر
جو بے حیائی سے مجھے بلا رہے تھے
تمّول کی چربی پر پھسلنے کے لیے
اور تمہاری مرغّن محفلوں میں جا گرنے کے لیے
مایوسی کی دلدل میں
شاید میں ڈُوب ہی جاتی۔۔۔
مجھے تو کیچڑ نے تھاما ۔۔۔۔
٭٭
٭٭
کیچڑ میں ڈوب کر
میں پھر سانس لینے لگی
میں جب شکست خوردہ تھی
حالات کے پنجے میں بے بسی سے اشک بار
تب تُم میری داد دیتے نہ تھکتے تھے
لیکن اب
جب میں جھٹک دیا ہے نا طاقتی کو
اپنے بازوؤں سے
اور موڑ دیا ہے حالات کا پنجہ
اپنی نہتی کلائی کے بل
جب میری جنم جنم کی حسرت نے
اپنی دھرتی کی محرومیوں کی جانب دیکھا
اور روتی ہوئی یوں ان کے گلے جا لگی
جیسے بیٹی بچھڑی ماں سے لپٹ جائے
تب تم اتنے خوفزدہ ہو گئے ہو
تم نے میرے پیچھے پولیس لگا دی ہے
سمن اور وارنٹ جاری کرتے ہو
اپنے سارے خوف کی رسیوں کو بٹ کر
مقدموں کی پھانسی میرے سر پر جھلانے لگے ہو۔۔۔۔
٭٭
٭٭
میں کون
ایک معمولی عورت
میں ہنستے ہوئے پھانسی میں جھول جاؤں گی
ایسا نہیں لکھ سکتی
لکھنا چاہوں تو قلم شرمندہ ہو جائے گا
میں شاعر ہوں سچائی کی
میرے حقیقتوں سے لبریز جام ہیں
بوند بھر مبالغہ کی بھی گنجائش نہیں
لیکن اتنا جانتی ہوں نادانو
میں انسان ہوں ۔۔۔ ایک انسان
جانتے ہو؟ انسان کیا ہوتا ہے؟
سُنو، اور خوف سے پیلے پڑ جاؤ
انسان ۔۔۔۔ شہید کا امکان ہے
٭٭
تیسرا باب
چاند
لال ۔۔۔۔ وہ دیکھو
چندا
چاندنی اس کی آنکھوں میں گھول کر
میں اپنے بیٹے کو کیوں سُلاتی ہوں؟
کیا اس لیے کہ صبح ہونے پر
تمہاری ہوس کے دہکتے تندور میں جھونک دوں اسے؟
٭٭
٭٭
کیا میں اسے روزِ روشن کہوں
کہ تپتے آسمن پر چیل نے چکر کاٹا ہے
اور شاہراہوں کے جال میں
ٹریفک کا زخمی درندہ غرانے لگا
بازاروں میں
برآمدی اشیا کی اشیا کی شہوت آنکھیں ملتی ہوئی بیدار ہو رہی ہے
قوتِ خرید
کوتوال کی منہ چڑھی فاحشہ
دیکھو کیسے دندناتی پھر رہی ہے
میلی، سوکھی مائیں
کُوڑے کے ڈھیر میں ہڈیاں ڈھونڈ رہی ہیں
بلبلاتے بچوں کو خامش کر دینے کے لیے
شہروں کے بے حُرمت جسموں پر
پلازوں اور مینشنوں کے پھوڑے نکل رہے ہیں
کالے دھن کی فیصلہ کُن جیت کے جھنڈے گاڑتے
کل کے اخباروں میں ان کے اشتہار دیکھ لینا
تمہاری مفلسی پر قہقہہ لگاتا ہوا
تُم اپنا سر ٹکراؤ۔۔۔۔ بلکہ کاٹ کر پھینک دو
اپنی مقتول آرزوؤں کے قبرستان میں
ہم تمہاری کھوپڑیوں سے ایک مینار چُنیں گے
اور اس کا کوئی چلتا ہوا سا نام رکھیں گے
گلزارِ مصطفیٰ
ھذا من فضلِ ربّی
یا ایسا ہی کوئی گرما گرم نام
کیونکہ کاروبار گرم ہے
کیونکر گرم ہے یہ کاروبار
اس مکروہ شہر پر رونق کیونکر آئی ہے؟
کیونکر کیا ہےاس مدقوقہ نے بناؤ سنگھار
پچکے گالوں پر غازہ اور سُرخی تھوپی ہے
جہنمی بیماریوں سے سڑتے بدن پر
ریشمی لباس سجایا ہے
اور اب جھومر چھپکہ لگائے چونچلے کرتی ہے
آخر کیسے؟
ہمارے لا علاج افلاس کے بج بجاتے کیڑے
تڑپ تڑپ کر پوچھ رہے ہیں
٭٭
٭٭
حرمزدگی کی رسّی دراز ہے
آؤ اس سے معیارِ زندگی کی پھانسی بناؤ
اور افلاس کے مجرموں کو چوراہوں پر لٹکا دو
معیشت کی چکّی گھومتی رہے
اوندھی یا سیدھی یہ مت سوچو
ہم انسان کو پیس کر بونا بنا رہے ہیں
٭٭
٭٭
میرے معبود یہ کس گُناہ کی سزا ہے
یہ تُو نے کیا قہر کیا
میرے ہاتھ میں قلم تھما دیا
اس گھٹا ٹوپ اندھیرے میں
بندرگاہوں پر شام ہچکیاں لے رہی ہے
میرے دیس کے آخری کنارے
تُو کس کے قدموں سے لپٹ کر رو پڑا ہے
رزق کی تلاش میں تیرے پُوت
پہاڑوں اور وادیوں سے دھُل دھُل کر
آ رہے ہیں لہروں میں
رات کی رات تیری گودیوں میں سونے کو
دوسری صبح اُنہیں بہت دور جانا ہے
آسروں کے بے کنار صحراؤں میں
خوشحالی کے سراب بُلا رہے ہیں
مت رو، اور انہیں دوش نہ دے
تیرے یہ فرزند
نہ بے وفا تھے، نہ بے ہنر
یہ تو لوہار تھے اور کُمہار تھے
یہ کاریگر تھے، دستکار تھے
عُسرت نے ہُنر مند ہاتھ کاٹ دیے
یہ جا رہے ہیں
چاک پر برتن ادھورا چھوڑ کر
کرگھے پر تانی اُلجھی چھوڑ کر
ایک چادر تھی
کہ مفلسی کی آبرو ڈھانپ لیتی تھی
اب اس کا بھی تار سے تار نہیں مل پاتا
مجبوریاں آنکھوں میں آنسو بن کر چمک رہی ہیں
آقاؤں نے آنسوؤں کے دام کھرے کیے
اور تیرے دامن کے موتیوں کو
گرد کی طرح جھاڑ لیا
جانے والوں کی قطاریں اُفق میں ڈُوب گئیں
جہازوں کے آہنی پنکھ
وطن کی مانگ کا سیندور پونچھ رہے ہیں
ہمارا ہراول دستہ کہاں ہے؟
ہمارا ہراول دستہ۔۔۔۔
٭٭
چوتھا باب
کتنا اندھیرا ہے۔۔۔۔
بے آواز ، بے وزن
ایک اندھی خلا
میں کُرسی کے ٹھٹھرے بازوؤں میں جکڑی بیٹھی ہوں
اور تیر رہی ہُوں سیاہ خلا میں
سوالوں کے بے آواز تاریک سیّارے
ادھر سے اُدھر نکل جاتے ہیں
کیا تُم اس شخص کو جانتی ہو؟
کیسے؟
کب سے؟
کیا یہ غدار نہیں؟
یہ کیونکر غدار نہیں؟
٭٭
٭٭
یہ کمرہ چہرہ ہے پھانسی کے ملزم کا
جس پر سیاہ نقاب چڑھا دیا گیا ہے
میرا دم گھُٹ رہا ہے
یہ نقاب اُتار دو ۔۔۔ اُتار دو
کیا یہ ڈرامہ کا آخری سین ہے
کیا تُم نے اپنے مکالمے دُرست ادا کئے؟
فوجی عدالت اُکتا کر اُونگھ رہی ہے
میں بھی اُونگھ رہی ہوں تھکن سے
اور خواب دیکھتی ہیں
٭٭
٭٭
درسگاہ میں تالاب کے کنارے
ایک لڑکی کتاب پڑھتی ہے
وسیع سرزمینِ وطن پر ایک نسل
ڈھونڈتی تھی لفظوں کے ہجے میں
کسی نا ممکن کا امکان
کم سنی، شعور سے واقف نہیں
علم و دانش نہیں
مگر جذبِ دل گُنگنانے لگا ہے
آنکھ چھلکی ہے ، لب تھر تھر ائے ہیں
زندگی نے تو پہلے ہی
مفلسی اور یتیمی کے دو دھاری خنجر سے
شق کر دیا تھا سینہ
اب خیالوں نے کُچھ حرف پھونکے ہیں
لو ۔۔۔۔ فیصلہ ہو گیا
کورے ماتھے پہ قسّام نے
مُہر ثبت کر دی
جا تُجھے عشق بخشا گیا
اب ابد تک اسے اپنے چہرہ پہ مجنوں کی آنکھیں لگا کر
زندگی کی طرف دیکھنا ہے
وقت کے ریگزاروں میں
ہر آنے والے محمل کی جانب لپکتا ہے
نئی سحر کے پیامبر آئیں گے
نئی سحر کے پیامبر۔۔۔۔
٭٭
٭٭
عدالت کا وقت ختم ہو گیا
میں اب جا رہی ہوں، بولو کیا کہوں؟
پھانسی کا ملزم میری طرف دیکھ رہا ہے
اُمید بھری مسکراہٹ سے
اس سے نظریں مِلانے کی
مُسکرا کر ہاتھ ہلانے کی
باہر سب ٹھیک ہے کہہ سنانے کی
مُجھ میں ہمت نہیں
میں وہ شاعر ہوں جسے سُورج کا قصیدہ لکھنا نصیب نہ ہوا
اے میرے دیس گواہی دے
اے دھرتی کے ٹکڑے یاد رکھنا
میں نے وہی لکھا ہے جو سچ تھا
تُو نے مُجھے دیا بھی کیا؟
میرے حصّہ میں پھنکارتی رات آئی ہے
غدّاریوں اور دغاؤں سے پُر
ہر قدم پر سنپولیے کُلبلا رہے ہیں
اُف میرے اندر کتنا زہر بھر گیا ہے
آؤ بچّو تمہیں چُوم کر اس کو امرت بنانے کی کوشش کروں
میں سانپ بن کر نہیں جی سکتی
اپنے ایمان کے اٹل پتھر پر
پھن پٹک پٹک کر جان دے دوں گی
٭٭
پانچواں باب
میرے دیس کے باسیو
بتاؤ میں اب کیا کروں
میرے ترکش کے تیرو
تُم کہاں ہو
مُجھ کو آواز دو
تمہارے لشکر کی سالار میں نہ تھی
میں تو ایک رجز خواں کے سوا کُچھ بھی نہیں
چاہتی ہوں
میری لے، تمہارے بدن سنسنا دے
مگر ۔۔۔ میری آواز کو کون گرمائے گا
میرے جذبہ کی آنچ۔۔۔
اکیلی تو کُچھ بھی نہیں
یونہی سوختہ راکھ بن جائے گی
٭٭
٭٭
اخباروں کے کورے ورقوں میں
نوکِ سنگین سے مٹائی خبروں میں
ضبط شدہ کتابوں میں
اپنے عہد کے سعور میں
میرا وطن ہے
میں عصرِ حاضر کی بیٹی ہوں
تاریخ کے دھارے سے جنمی ہوں
پہلا قدم تُم نے میری سر زمین پر رکھا
اور مُجھے اپنا ہم وطن بنا لیا
تُم نے مُجھے پہچانا
اجنبی دوستو
میں کون؟ تُمہاری سنگی
میں مہاجر ہوں
قدرت نے میرے دل کے تہی خول کو
تمہاری اُمنگوں کے کسے تاروں سے جوڑا
اور بلا کوشش نغمہ رواں ہو گیا
تب کیا یہ صرف ایک شاعر کا دِل تھا؟
سطح پر عطر کی ایک بوند تیرتی ہے
مگر ایک بوند کیا ہے؟ محض شاعری
مبادا تُم پانی کو نہ سمجھو
جس نے خوشبو کشید کی
٭٭
آخری گیت
میری نظم کی پہلی سطر
آخری سطر کو جانتی تھی
اور ان کے بیچ جو کُچھ ہے
اور میرا فن ہے میرے لوگو
٭٭
٭٭
کیا میں نہ جانوں گی
کہ ہر نشست کا آخری گیت
ہمیشہ اُمید کا گیت ہوتا ہے
جو تاریخ خود گاتی ہے شاعر کے کلام میں
٭٭
٭٭
آزادی ، انصاف ،مساوات
یہ لفظوں کے خالی گملے
تُم ہی تو اپنے بیلچوں سے ان میں معنی بھرو گے
دانائی کی نرم بھُر بھُری مٹی ڈال کر
ایک نئے سماج کا بیج بوؤ گے
ہم فرشتے نہیں بن جائیں گے
ہم ۔۔۔سیدھے اور پیچیدہ انسان
لڑیں گے جھگڑیں گے
رُوٹھیں گے اور منائیں گے
انسان ہی تو رہیں گے
مگر
ابلیسیت کو کھُل کھیلنے کی چھُوٹ نہ ہو گی
ہم اسے مُلک بدر کرنے والے ہیں
لُوٹ کھسوٹ کے باولے درندہ کو
چوراہے پر شُوٹ کیا جائے گا
دفن کر دیں گے ہم اسے
اتنی گہری قبر کھود کر
ہماری حسین اور معصوم دھرتی پر
پھر کبھی وہ اپنے نجس پیر نہ دھر سکے گا
ممکن تو یہی ہے اے باغباں
ہزار گُلابوں کا چمن کھلے
بارش کی بوچھاڑ میں
اور ایک شاخچہ بھی تشنہ نہ رہے
میں اسی دن کے لیے گاتی ہوں
گاتی رہوں گی
ہر آخری گیت ، اُمید کا گیت
یہ شاعروں کے دل کا فرمان ہے
سو اے میرے دل
میرے شاہزادے
تیرے حضور میں
مُسکرا کر ہاتھ باندھے
حاضر ہے میری شاعری
٭٭٭
فائل کی فراہمی کے لئے زرقا مفتی کا شکریہ
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
کیا تُم پورا چاند نہ دیکھو گے
﴿ طویل نظم سے اقتباسات﴾
فہمیدہ ریاض
انتخاب: زرقا مفتی
اقتباس
ہماری نظریں کیوں گڑ جاتی ہیں زمین میں؟
اے زمین ہمیں جواب دے
ہم نے تجھے آنسوؤں کی چلمن سے دیکھا ہے
وردیوں سے بھری ٹرک گزر رہی ہے
اطمینان کا بھونپو بجاتی ہوئی
ایک دل میں۔۔۔
ایک نہتے دل میں
مچلی ہے پگلاہٹ
زمین پر پڑا پتھر منتظر آتا ہے
اسے کوئی ہاتھ میں اُٹھا لے کیا؟
زور سےدے مار ے اس وردیوں سے بھری ٹرک پر
شاید ، ان کے اندر
کہیں کسی گریبان میں
کوئی دل بھی ہو گا
جو چھن سے بج اُٹھے گا
ایک تنہا، نہتی آرزو مچل رہی ہے
ایک دل میں
ایک ہزار دلوں میں
بے شمار دلوں میں
کروڑوں دلوں میں دھڑکتی ہوئی
حلقوموں میں پھنستی ہوئی
مگر پھر بھی تنہا
مجبور ۔ مجبور
نہیں اس ٹرک میں کوئی دل نہیں
نہیں، اس میں صرف وردیاں بھی نہیں
اس میں بندوقیں ہیں
اور ان کی گولیاں دلوں سے ٹکراتی ہیں
تب آوازیں سُنتی نہیں
یہ تو آوازوں کو ہلاک کرنے کے لیے ہی چلائی جاتی ہیں۔۔۔۔
٭٭٭
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)