گرد و پیش
ناگپور اور ودربھ کے ادیبوں پر تنقیدی، تحقیقی اور تعارفی مضامین
ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل
مصنف کا نام : ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل
حیدری روڈ، مومن پورہ، ناگپور ۴۴۰۰۱۸
ناشر : علیم پرنٹرس
حیدری روڈ، مومن پورہ، ناگپور ۴۴۰۰۱۸
مطبع : سلمان فائن آرٹس، مومن پورہ، ناگپور
کمپیوٹر کمپوزنگ : ساحل کمپیوٹرس، حیدری روڈ، مومن پورہ، ناگپور
کمپوزر : محمد رفیع الدین
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ملنے کا پتہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
رحیم اسٹورس، حیدری روڈ، مومن پورہ، ناگپور
عمِ محترم
حاجی محمد زین العابدین صاحب
کے نام
جو خاندانی شرافت و بزرگی
کا آخری نمونہ ہیں۔
خدا ان کی عمر دراز کرے
اور
ان کا سایہ ہمارے سروں پر قائم رکھے۔
شناس نامہ
نام معہ تخلص:محمد شرف الدین ساحل
پتہ:حیدری روڈ،مومن پورہ،ناگپور۔ ۴۴۰۰۱۸
جد امجد کا نام: حاجی الہٰی بخش ابن حاجی نور محمد
تایا کا نام: حاجی محمد عبدالمتین (وفات ۱۸ اکتوبر ۱۹۹۴ء)
والد کا نام: حاجی محمد یٰسین (وفات:۳۰ دسمبر۱۹۷۲ء)
والدہ کا نام:حجن سائرہ بیگم(وفات: ۱۸مارچ ۲۰۰۱ء)
تاریخ پیدائش: بروز منگل، ۲ اگست۱۹۴۹ء مطابق ۶ شوال ۱۳۶۸ھ
مقام پیدائش:مومن پورہ،ناگپور (مہاراشٹر)
تعلیم:ایم اے(اردو)۱۹۷۴ء ناگپور یونیورسٹی، ایم اے (فارسی)۱۹۷۶ء ناگپور یونیورسٹی، ایم اے (عربی)۱۹۷۸ء ناگپور یونیورسٹی
بی ایڈ ۱۹۸۱ء ناگپور یونیورسٹی
پی ایچ۔ ڈی۱۹۷۷ءناگپور یونیورسٹی
پی ایچ۔ ڈی۱۹۸۶ء ناگپور یونیورسٹی
ملازمت:
۱۔ اسلامیہ ہائی اسکول، ناگپور
مدرس
یکم جولائی ۱۹۶۹ء تا ۵ مئی ۱۹۷۳ء
۲۔
ناگپور مہاودیالیہ، ناگپور
لکچر ر اردو /فارسی
۲۱نومبر ۱۹۸۱ء تا ۳۱جولائی ۱۹۸۴ء
۳۔ پوروال کالج، کامٹی(ناگپور)
لکچر ر اردو
۱۱ ستمبر ۱۹۸۹ء تا ۳۰ اپریل ۱۹۹۰ء
تصانیف:
۱۔ ملت اسلامیہ کا سفر ۱۹۸۰ء تحقیق
۲۔ بیان میرٹھی حیات و شاعری ۱۹۸۰ء تحقیق و تنقید
۳۔ کامٹی کی ادبی تاریخ ۱۹۸۲ء تحقیق و تنقید
۴۔ دستِ کو ہکن ۱۹۸۳ء شعر ی مجموعہ
۵۔ تاریخ ناگپور۱۹۸۳ء تحقیق و تاریخ
۶۔ شرارِ جستہ ۱۹۸۵ء شعر ی مجموعہ
۷۔ شرح قصیدہ مدیح خیرالمرسلین ۱۹۸۹ء شرح و تنقید
۸۔ رعنائیِ خیال ۱۹۸۹ء شرح و تنقید
۹۔ واردات ایک مطالعہ۱۹۹۰ء تحقیق و تنقید
۱۰۔ حرا کی روشنی ۱۹۹۰ء نعتیہ شاعری کا مجموعہ
۱۱۔ سرسید اور ان کے مضامین ایک مطالعہ ۱۹۹۰ء تحقیق و تنقید
۱۔ شرح کلام غالب (ردیف واؤ)۱۹۹۰ء شرح
۱۳۔ شرح اشعارِ مومن۱۹۹۲ء شرح
۱۴۔ ناگپور میں اردو کا ارتقائی سفر۱۹۹۳ء تحقیق و تنقید
۱۵۔ معیارِ ادب ۱۹۹۴ء تنقیدی مضامین کا مجموعہ
۱۶۔ ناگپور کا مسلم معاشرہ (جلد اول)۱۹۹۶ء تحقیق و تاریخ
۱۷۔ قطرہ قطرہ ۱۹۹۶ء تنقید و صحافت
۱۸۔ آئینہ سیما ۱۹۹۶ء شعر ی مجموعہ
۱۹۔ ناگپور کا مسلم معاشرہ (جلد دوم)۱۹۹۷ء تحقیق و تاریخ
۲۰۔ بیان میرٹھی اور غالب ۱۹۹۷ء تحقیق
۲۱۔ تازگی ۱۹۹۹ء بچوں کے لئے نظمیں
۲۲۔ تسبیح و زنار ۱۹۹۹ء قومی یکجہتی پر مضامین
۲۳۔ بیان میرٹھی کی جدید نظمیں ۲۰۰۰ء تحقیق
۲۴۔ ناگپور کا مسلم معاشرہ (جلد سوم)۲۰۰۰ء تحقیق و تاریخ
۲۵۔ برار کی تمدنی و علمی تاریخ ۲۰۰۱ء تحقیق و تاریخ
۲۶۔ ناگپور میں فارسی ۲۰۰۲ء تحقیق
۲۷۔ خاقانی شروانی :حیات و شاعری ۲۰۰۲ء تحقیق و تنقید
۲۸۔ مقدس نعتیں ۲۰۰۳ء نعتیہ شاعری کا مجموعہ
۲۹۔ کلیاتِ عادل ناگپوری ۲۰۰۶ء تحقیق و تدوین
۳۰۔ پنہاں چہرے ۲۰۰۶ء شخصیات
۳۱۔ جراحت افکار ۲۰۰۶ء
انعامات:
۱۔ بیان میرٹھی حیات و شاعری پر ۱۹۸۱ء میں یوپی اردو اکادیمی،لکھنؤ سے انعام ملا۔
۲۔ بیان میرٹھی حیات و شاعری پر ۱۹۸۱ء میں مہاراشٹر اردو اکادیمی، بمبئی سے انعام ملا۔
۳۔ کامٹی کی ادبی تاریخ پر ۱۹۸۳ء میں مہاراشٹر اردو اکادیمی، بمبئی سے انعام ملا۔
۴۔ تاریخ ناگپور پر ۱۹۸۴ء میں مہاراشٹر اردو اکادیمی، بمبئی سے انعام ملا۔
۵۔ ناگپور میں اردو کا ارتقائی کا سفر پر ۱۹۹۴ء میں یوپی اردو اکادیمی ،لکھنؤ سے انعام ملا۔
۶۔ آل انڈیا میر اکادیمی لکھنؤ سے ۱۹۹۷ء میں امتیاز میر ایوارڈ ملا۔
۷۔ بیان میرٹھی اور غالب پر ۱۹۹۸ء میں یوپی اردو اکادیمی، لکھنؤ سے انعام ملا۔
۸۔ مجموعی علمی و ادبی خدمات پر مہاراشٹر اردو اکادیمی ،بمبئی سے ۱۹۹۸ء میں ریاستی ایوارڈ(سراج اور نگ آبادی ایوارڈ) ملا۔
۹۔ مجموعی علمی و ادبی خدمات پر سر سید اکادیمی، ناگپور سے ۱۹۹۸ء میں سر سید ایوارڈ ملا۔
۱۰۔ عطار اربن کوآپریٹیو سوسائٹی ، ناگپور سے ناگپور کا مسلم معاشرہ پر ۲۰۰۰ء میں انعام ملا۔
۱۱۔ مجموعی علمی و ادبی خدمات پر یونائیٹیڈ اسٹوڈینٹس اسوسی ایشن ، ناگپور سے ۲۰۰۲ء میں مولانا آزاد ایوارڈ ملا۔
۱۲۔ انڈین کوائن سوسائٹی ، ناگپور سے ۲۰۰۲ء میں ناگپور ہیری ٹیج ایوارڈ ملا۔
۱۳۔ ناگپور میں فارسی پر ۲۰۰۳ء میں مہاراشٹر اردو اکادمی ،بمبئی سے انعام ملا۔
اعزازات:
۱۔ ٹرسٹی جامع مسجد ٹرسٹ ،مومن پورہ ،ناگپور (۴ دسمبر ۱۹۹۴ء سے ۵ستمبر ۲۰۰۴ء)
۲۔ صدر مسلم قبرستان،مومن پورہ،ناگپور (۱۷ اکتوبر ۱۹۹۶ء سے)
۳۔ رکن مجلسِ شوریٰ ، دارالعلوم، مومن پورہ، ناگپور (۲۲ ستمبر ۱۹۹۶ء سے)
۴۔ سکریٹری دارالعلوم، مومن پورہ، ناگپور (یکم نومبر ۱۹۹۶ء سے ۶جولائی ۲۰۰۳ء تک)
۵۔ صدر دارالعلوم، مومن پورہ، ناگپور (۶ جولائی ۲۰۰۳ء سے)
۶۔ مہمان رکن اردو لسانی کمیٹی بال بھارتی،پونے (۱۹۹۷ء سے)
۷۔ رکن مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکادیمی (۲۳ نومبر ۲۰۰۰ء سے ستمبر ۲۰۰۲ء تک)
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اگر سامع فراست سے ہوں محروم
تو نادانی ہے رمزِ ذات کہنا
۔ ۔ ۔ شرف الدین ساحل۔ ۔ ۔
ناطق گلاؤٹھوی کی غزل گوئی
بیسویں صدی میں روایتی غزل کی آبرو، جن شعرا کی بدولت قائم رہی ان میں مولانا سید ابو الحسن ناطقؔ گلاؤٹھوی بھی شامل تھے۔ انھوں نے اس کا انتخاب بہت ہی غور و فکر کے بعد، طرز اظہار کی مناسبت سے کیا تھا۔ اس کی اہمیت پران کی نظر تھی۔ جس کے نتیجے میں یہی انھیں اپنے مزاج کے حسبِ حال نظر آئی۔ ان کا دعویٰ ہے:
مومنؔ پہ بھی ایمان ہے غالبؔ پہ بھی ناطق
ہم ذوق کے انداز میں رہتے ہیں مگن اور
ذوق، غالب اور مومن ، یہ تینوں اپنے وقت کے زبردست شاعر ہیں۔ تاریخ اردو ادب ان کے فکر و فن سے جگمگا رہی ہے۔ ناطق نے ان تینوں کی شاعری کا مطالعہ کر کے اپنے فکر و فن کو جلا بخشی ہے۔ انہی چراغوں سے اپنا چراغ جلایا ہے۔ گویا دبستان دہلی سے تال میل قائم کیا ہے۔ انھوں نے پہلے بیان میرٹھیؔ سے استفادہ کیا۔ ان کے انتقال کے بعد داغؔ دہلوی کو اپنا کلام دکھایا لیکن ابھی وہ تین چار غزلوں پرہی اصلاح لے سکے تھے کہ داغؔ کی وفات ہو گئی۔ اس کے بعد پھر کسی کے آگے زانوئے تلمذ تہہ نہیں کیا۔ ناطقؔ کے دیوان میں ذوقؔ ، غالبؔ اور مومنؔ کی طرح میں کئی غزلیں ملتی ہیں۔ لیکن ناطقؔ کی فکر کو ان شعرا کی فکر سے بہت کم مناسبت نظر آتی ہے۔ وہ ذاتی تجربے اور مشاہدے کی آگ میں تپ کر شعر کہتے ہیں اور اس میں اپنے داخلی احساسات کو سموتے ہیں۔ البتہ وہ زبان و بیان و محاورات کے استعمال میں ذوق کے مقلد دکھائی دیتے ہیں۔
ناطقؔ نے اپنی غزلوں کو ندرتِ خیال، بندشِ الفاظ، صنعتِ تضاد، سلاست و روانی اور محاورات کے برجستہ استعمال سے زینت بخشی ہے اور گل و بلبل، پروانہ و شمع اور زلف و عارض کے پردے میں اپنے دل کی بات کہی ہے۔ ان کے یہاں معاملہ بندی اور عریاں نگاری سے اجتناب ملتا ہے۔ وہ ایسے مضامین کو پسند نہیں کرتے :
نہ اپنی شاعری کی دسترس ہے بندِ محرم تک
نہ آتا ہے ہمیں مضمون ناطقؔ بوسہ بازی کا
انھوں نے عشقیہ مضامین کو محبوب کی عفت و عزت کا خیال رکھتے ہوئے پیش کیا ہے اور کوئی ایسی بات نہیں کہی ہے جس سے اس کا دامن داغدار نظر آئے۔ ان کے یہاں عشق کا پاکیزہ تصور ملتا ہے۔ بڑی خوبی ان کے اندازِ بیان میں یہ ہے کہ وہ کارِ زمین سے ہٹ کر پروازِ آفاق میں مبتلا نہیں ہوتے۔ دو شعر دیکھئے جن کا مضمون نیا نہیں ہے لیکن سلاستِ الفاظ اور سادگیِ بیان نے ان میں توانائی پیدا کر دی ہے:
ہمیں اک حسرتِ معصوم لائی تیری خلوت میں
چلے آئے ہیں بزمِ حور میں جیسے سروش آئے
تو نے یہ کس کو اٹھایا ہے کہ دل بیٹھ گئے
کون بیٹھا ہے کہ فتنہ تری محفل سے اٹھا
اس شعر میں فراقِ یار سے پیدا ہونے والی بے چینی و بے قراری کو جس حقیقی تاثر کے ساتھ پیش کیا ہے وہ وصال کے بعد ہجر کی کیفیت کو ایک نئے انداز سے نمایاں کرتی ہے۔ اضطراب و شوق کی دنیا یعنی محبوب کے داخلی احساسات کو ظاہر کرتی ہے:
ڈھونڈتی ہے اضطراب و شوق کی دنیا مجھے
آپ نے محفل سے اٹھوا کر کہاں رکھا مجھے
ناراض محبوب کو سادگی سے منانے کا یہ ہنر بھی خوب ہے:
اک حرفِ شکایت پرکیوں روٹھ کے جاتے ہو
جانے دو گلے شکوے لوٹ آؤ میں باز آیا
بے زبانی بھی محبت میں کافی اثر رکھتی ہے۔ شاعر کی لاش اس کے محبوب کے سامنے ہے۔ وہ شکایت سے مجبور ہے۔ لیکن اس کی خاموشی ہی اس کے حالات کا پتہ دے رہی ہے:
ہمارے بعد جو دنیا کہے گی وہ بھی سن لینا
ابھی تو تم ہماری بے زبانی دیکھتے جاؤ
اس مفہوم کو فانی نے اس طرح پیش کیا ہے:
سنے جاتے نہ تھے تم سے مرے دن رات کے شکوے
کفن سرکاؤ میری بے زبانی دیکھتے جاؤ
دل کی قیمت صرف نگاہِ التفات رکھ کر کس بے باکی سے محبوب کو دعوتِ عشق دے رہے ہیں :
دل کی قیمت ہم نے رکھ دی ہے نگاہِ التفات
تم کو لینا ہے تولے لو مال سستا جائے ہے
اگر یہ شعر اہلِ دل کے سامنے پڑھا جائے تو جھوم اٹھیں اور ان پر بے خودی کی کیفیت طاری ہو جائے:
بیخودی آئی تھی ان کے بعد بزمِ ناز میں
پھر نہیں معلوم ہم کو کون آیا کس کے بعد
میرؔ سے منسوب یہ شعر دیکھئے جو اسی خیال کی ترجمانی کر رہا ہے:
وہ آئے بزم میں اتنا تو میر نے دیکھا
پھر اس کے بعد چراغوں میں روشنی نہ رہی
ذیل کے اشعار دیکھئے جو ناطقؔ کی زندگی میں پیش آنے والے ایک عشقیہ واقعہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہاں اس کا ذکر مناسب نہیں ہے لیکن ان میں سوز و گداز کی جو کیفیت ہے اس کا تقاضہ ہے کہ اس سے ادب نواز محروم نہ رہ جائیں :
روح افسردہ ہے سونی ہے مری بزمِ حیات
لبِ خاموش کی زینت ہے ترا نام ابھی
اپنے محبوب کی وفات پر ناطق نے اضطراب و پریشانی کے عالم میں موت کوکس انداز سے یاد کیا ہے دیکھئے۔ اس وقت ان پر جو کیفیت طاری تھی اس کی مکمل ترجمانی اس شعر میں ہے:
اجل کمبخت، ظالم، بے مروت تو نہیں مرتی
بہارِ زندگی جن کو کہیں وہ لوگ مرتے ہیں
تیسرا شعر یہ ہے:
اس بُت کی آن دیکھو، اللہ کی شان دیکھو
آنکھوں سے دیکھتا ہوں ، ہاتھوں سے جا رہا ہے
شمع و پروانہ ،عشق و محبت کی بہترین تمثیل ہے۔ شعرا نے اکثر ان سے کام لے کر عشق و محبت کے رموز و حقائق کو فاش کیا ہے۔ ان کا سہارا لے کر ناطق نے حسن کے چراغ کو ایک ایسے مقام پر روشن کیا ہے جہاں شمع خود اس کی عاشق نظر آتی ہے۔ یہاں معاملہ ہی برعکس ہے:
ہم وہاں ہیں کہ جہاں حسن کا جلتا ہے چراغ
شمع اِس بزم میں آ جائے تو پروانہ بنے
یہ اور اس قسم کے کئی اشعار ہیں جو ناطقؔ کی غزلوں میں بکھرے ہوئے ہیں۔ لیکن خوبی یہ ہے کہ ان سب کا لہجہ ایک ہی جیسا ہے۔ کہیں بھی بازاری انداز نہیں ملتا بلکہ تصورِ عشق پاکیزہ و مطہر ہے اور جو بات بھی کہی گئی ہے عشق کے آداب و شائستگی کو مد نظر رکھ کر کہی گئی ہے۔ کچھ شعر اور ملاحظہ فرمائیے جو رنگِ تغزل میں ڈوبے ہوئے ہیں :
پاسباں روٹھا ہوا سا، اجنبی سے بام و در
ہم ترے کوچے میں رہتے کس کی صورت دیکھ کر
ان کا حریمِ ناز مرا پردۂ نگاہ
چھپتے ہیں اس ادا سے کہ دیکھا کرے کوئی
سبھی کچھ تھا مگر دیکھا تو کیا تھا کچھ نہ تھا گھر میں
وہ جب آئے تو اپنی یاد مجھ کو بار بار آئی
اس شعر میں محبوب کی بے وفائی اور بدعہدی کو چند الفاظ میں کس خوبصورتی سے اجاگر کیا ہے:
تمہاری بات کا اتنا ہے اعتبار ہمیں
کہ ایک بات نہیں اعتبار کے قابل
یہ منظر دیکھئے کس قدر حسرت ناک ہے۔ محبوب رخصت ہو رہا ہے۔ عاشق تڑپ رہا ہے:
بس خدا یاد آگیا ناطقؔ
جب وہ کہہ کر چلا خدا حافظ
ناطق کی فکر صرف عشق و محبت کے مضامین تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ انھوں نے زندگی کے مسائل، رندانِ میخانہ کی مستی اور واعظ و محتسب پربھی بڑی ہنر مندی کے ساتھ قلم اٹھایا ہے۔ جبر و اختیار کے موضوع پر ایک شعر دیکھئے۔ ناطقؔ نے اس کو ایسے دلکش انداز میں پیش کیا ہے کہ اقتدار پرستوں کی تصویر آنکھوں کے سامنے آ جاتی ہیں :
چلتا ہے بس تو دیکھ رہے ہیں چلا کے زور
مجبور کر دیا ہے انھیں اختیار نے
کسمپرسی کا ایک نقشہ دیکھئے۔ ناطقؔ نے اپنی بے بسی کے حوالے سے اس کی جس موثر انداز میں عکاسی کی ہے اس سے دل متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا:
ناطقؔ خدا کی شان کہ اپنا نہیں کوئی
کہنے کو یوں تو ساری خدائی ہے آس پاس
موت و حیات کے فلسفے کوکس خوبصورتی سے اس شعر میں سمو دیا ہے۔ جب انسان پیدا ہوتا ہے تو کانوں میں صرف اذان دی جاتی ہے نماز نہیں پڑھی جاتی اور جب وہ اس دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو صرف نماز پڑھی جاتی ہے اذان نہیں دی جاتی۔ ہم روزانہ دیکھتے ہیں کہ اذان اور نماز کے بیچ چند منٹوں کا فاصلہ ہے۔ بس زندگی کی بھی یہی حقیقت ہے۔ یہ فانی ہے دائمی نہیں :
نو واردِ ہستی اٹھ، کس وہم میں بیٹھا ہے
ہوتی ہے اذاں سن لے چل وقتِ نماز آیا
اور جب موت انسان کے سر پر سوار ہو جاتی ہے تو یہ حال ہوتا ہے:
ہچکیوں پر ہو رہا ہے زندگی کا راگ ختم
جھٹکے دے کر تار توڑے جا رہے ہیں ساز کے
وہ رنج و غم سے خوف کھانے کے بجائے ا س سے لطف اٹھانے کا یہ سبق دیتے ہیں :
درد سے لطف کیوں نہ لے چوٹ سے جی چرائے کیوں
غم کو نہ کھا کے بیٹھئے کھائیے غم سے ہائے کیوں
شعرا نے دوستی و دشمنی کے مفہوم کو مختلف انداز سے پیش کیا ہے۔ ناطقؔ کا انداز دیکھئے:
وہ دوستی نہ سہی دشمنی نباہ تو دی
ملا نصیب سے دشمن و فا شعار مجھے
دوستی میں انسان کو جن حالات سے دوچار ہونا پڑتا ہے اس سے ہر شخص واقف ہے۔ بعض اوقات تو دوستی کے پردے میں احسان فراموش دوست منافقت کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے ناطق دوستی سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ وہ اسے فتنہ و فساد کا منبع سمجھتے ہیں :
ملتے ہیں دوستی کے لئے سیکٹروں مگر
میں دل میں سوچتا ہوں کہ جھگڑے بڑھائے کون
یہی نہیں بلکہ جب کسی انسان کا برا وقت آتا ہے تو اس کے وہ دوست جن کی دوستی پر اسے ناز تھا اس سے منہ پھیر لیتے ہیں اور ان جان بن جاتے ہیں :
پہچاننے والے بھی نہیں جانتے مجھ کو
اب جاننے والوں میں بھی انجان بہت ہیں
اس غزل کا مطلع بھی دوستوں کی حقیقت کو ظاہر کرتا ہے:
الزام بہت ملتے ہیں ، بہتان بہت ہیں
مجھ پر مرے احباب کے احسان بہت ہیں
ناطق کے رندانہ اشعار دیکھنے کے بعد یہ گمان ہوتا ہے کہ شاید انھوں نے شراب سے بھرپور لطف اٹھایا ہو کیونکہ ایک رندِ بلا نوش ہی اس طرح کے اشعار کہہ سکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ انھوں نے کبھی اس کا مزہ تک نہیں چکھا۔ وہ ریاض کی طرح رندِ پارسا تھے اور روانیِ فکر میں اکثر اس قسم کے اشعار کہا کرتے تھے۔
رندانِ بادہ نوش کی چھاگل اٹھا تولا
بادِ بہار دوڑ کے بادل اٹھا تولا
ظرفِ وضو کو صراحی و پیمانہ کے طور پر استعمال کرنے کا یہ عزم کسی بادہ خوار ہی کاہو سکتا ہے:
شوق سے ظرفِ وضو زینتِ میخانہ بنے
آگیا ہے تو صراحی بنے، پیمانہ بنے
اب واعظ و شیخ و محتسب پر ناطق کے طنز دیکھئے:
ذکرِ شرابِ ناب پہ واعظ بگڑ گیا
بولے تھے اچھی بات بھلے آدمی سے ہم
بحث تمام ہو چکی شیخ فرشتہ ہی سہی
ہم بھی تو کہتے ہیں یہی یعنی وہ آدمی نہیں
شیخ جزائے کار خیر یہ بتا رہا ہے آج
بات تو ٹھیک ہے مگر معتبر نہیں
چھوڑ بھی دیتے محتسب ہم تو یہ شغل میکشی
ضد کا سوال ہے تو پھر جا اسی بات پر نہیں
ناطقؔ کا سب سے بڑا کمال یہ ہے کہ وہ فن کی مکمل پابندی کرتے ہوئے انتہائی لطیف اور صاف ستھرے انداز میں شعر کہتے تھے۔ وہ فارسی الفاظ و تراکیب سے بہت کم کام لیتے تھے۔ انھیں سادہ، سلیس اور عام فہم الفاظ کو استعمال کرنے میں مہارت حاصل تھی۔ یہی باعث ہے کہ ان کے زیادہ اشعار سہل ممتنع پر مبنی ہیں۔ اس کی چند مثالیں دیکھیے:
خیال آتا ہے اٹھنے بیٹھنے کا چلنے پھرنے کا
تمہاری یاد تصویروں کا البم ہوتی جاتی ہے
جیسا جسے خدا نے بنایا بنا دیا
اب اس کے کاروبار میں دے اپنی رائے کون
ہوئی ختم عمرِ رواں جہاں وہیں رہ گیا وہ لیا دیا
سرِ حشر کس کا حساب دوں مجھے تھاہی آپ نے کیا دیا
یہ شعر دیکھئے۔ الفاظ کے رکھ رکھاؤ سے کیا فائدہ اٹھایا ہے۔ اس میں خوب صورت اور خوبصورت قابلِ غور ہیں :
دیکھتا رہتا ہوں اکثر شانِ قدرت دیکھ کر
خوب صورت دیکھتا ہوں ، خوبصورت دیکھ کر
بعض اشعار میں الفاظ کی تکرار سے معنی کی افادیت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ یہی وہ آرٹ ہے جو ناطق کو ہمعصر شعرا میں ممتاز کرتا ہے۔ چند مثالیں :
میں ہی تیرا ہوں تو پھر کیا کہوں میرا کیا ہے
تو ہی میرا ہے تو پھر کس لئے میرا تیرا
ناطق نہ ہو جو بات تو بولے نہ آدمی
بولے تو اس میں بات بھی پیدا کرے کوئی
حسن پر ہے ناز اس کو ناز پہ مغرور ہے
کس قدر اٹھتی جوانی کے نشے میں چور ہیں
ان کا کرم بھی دیکھ لے اپنا بھرم بھی رکھ
ہر مدعی سے مانگ مگر مدعا نہ مانگ
محاورات کے استعمال میں ناطق ید طولیٰ رکھتے تھے۔ اس میں ذوق کے سوا کوئی ان کا ہم پایہ نہ تھا۔ ثبوت کے طور پر یہ چند شعر ملاحظہ کیجئے:
ہم کو ملا کے خاک میں تشریف لائے ہیں
افسوس کر رہے ہیں کہ مٹی نہیں ملی
اب جہاں میں باقی ہے آہ سے نشاں اپنا
اڑ گئے دھوئیں اپنے، رہ گیا دھواں اپنا
دیارِ ہوش کی پہلے جنوں خبر لیتا
اڑا کے دھول نہ مٹی خراب کر لینا
دے کر ملال گرد کیا دل کو یار نے
سو آندھیوں کی دھول اڑائی غبار نے
دنیا کو چھوڑتے ہوئے آتی ہے سب کو موت
مارا اگر نہ جائے تو راضی سے جائے کون
اب صنعتِ تضاد کی چند مثالیں پیش کی جاتی ہیں :
موت جو موت سے پہلے ہو بقا ہوتی ہے
میری ہستی میں اجل آ کے فنا ہوتی ہے
صیاد اب قفس کی مصیبت گراں نہیں
میں نے سمجھ لیا ہے کہ یہ آشیاں نہیں
خرد کا کچھ نشاں ملتا نہیں ہستی کی بستی میں
مری دیوانگی اک ایک گھر جا کر پکار آئی
یوں ناطقؔ نے روایتی غزل کو زندگی بھر اپنے سینے سے لگائے رکھا اور اس کے احیاء و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
سوامی سوختہ۔ ۔ ۔ ایک سماجی نقاد
اردو اخوت و محبت کی زبان ہے۔ یہ رواداری اور قومی یکجہتی کی آئینہ دار ہے۔ اس کی نشوونما میں مسلمانوں کے دوش بدوش ہندوؤں نے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اردو ادب کی تاریخ ان حقائق کی شاہد ہے۔
ناگپور کی ادبی تاریخ میں بھی یہ سچائی جلوہ گر ہے۔ اس کے مطالعہ سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ ناگپور میں اردو ادب کی تاریخ کا آغاز ایک ہندو شاعر لالہ پیم چند سے ہوتا ہے۔ ان کا تعلق گونڈ راجہ برہان شاہ کے دربار سے تھا۔ انھوں نے فارسی زبان کے مشہور شاعر فردوسی کے شاہنامہ کا اردو میں منظوم ترجمہ کیا تھا۔ یہ ترجمہ ۱۲۰۷ھ میں پانچ سال کی مشقت کے بعد مکمل ہوا۔ اس کا مخطوطہ جو ۴۷۰ صفحات پر مشتمل ہے سنٹرل لائبریری حیدرآباد میں محفوظ ہے۔
سوامی کرشنانند سوختہ بھی ناگپور میں اردو کے ایک مشہور شاعر گزرے ہیں۔ وہ آزاد خیال اور صوفی منش تھے۔ بے خوف و بے باک تھے۔ سماجی و سیاسی برائیوں پر بڑی صفائی سے طنز کے نشتر چلاتے تھے۔ وہ دھن کے پکے سماجی خدمت گار تھے۔ اس کے لیے انھوں نے اپنا سب کچھ قربان کیا اس لیے وہ سماجی خرابیوں پر صاف الفاظ میں تنقید کرتے تھے اور عیار و مکار سماجی خدمت گاروں کو اپنے شعروں میں کھری کھری سناتے تھے۔ ان کی نظمیں ان کے ہفت روزہ نیا خون میں پابندی سے شائع ہوتیں جو قارئین کے دلوں میں اتر جاتیں۔ ان کے کلام کا ایک مجموعہ کلام سوختہ کے نام سے مشرقی بریلوی نے مرتب کر کے دیوناگری رسم الخط میں ۱۹۶۰ء میں شائع کروا دیا ہے۔
سوختہ کی شاعری کا مطالعہ کرنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ جب تک ہم ان کی زندگی کے حالات سے بے خبر رہیں گے ان کی شاعری بے کیف معلوم ہو گی۔ اتر پردیش کے ایک شہر بریلی میں پیدا ہونے والے سوختہ بچپن ہی میں اپنے والدین کی شفقت سے محروم ہو گئے تو بہن اور بہنوئی نے ان کی پرورش کی اور ان کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا۔ تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد سرکاری ملازمت سے وابستہ ہوئے۔ جھانسی میں تھانیدار تھے اس وقت تحریک آزادی عروج پرتھی۔ اس سے متاثر ہو کر نوکری چھوڑ دی اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں مصروف ہو گئے۔ اس سلسلے میں مختلف شہروں کا دورہ کیا۔ اسی اثنا میں جے پور میں بابا گوواند داس نامی ایک سادھو سے ان کی ملاقات ہوئی۔ وہ ان کی باتوں سے اس قدر متاثر ہوئے کہ ان کی زندگی میں ایک زبردست انقلاب آگیا۔ انھوں نے دنیاداری چھوڑ کر فقیرانہ زندگی اختیار کر لی اور انسانوں کی خدمت کو اپنا مشن بنا لیا۔
سوختہ ۱۹۳۵ء میں اسی مقصد کے تحت ناگپور آئے اور یہیں مستقل سکونت اختیار کر لی۔ وہ محنت سے جو کچھ کماتے اسے سماج کی فلاح و بہبودی کے کاموں میں خرچ کر دیتے۔ ایک مشاعرے میں شرکت کی غرض سے چھنڈواڑہ گئے تھے واپسی میں ۶ مارچ ۱۹۵۶ء کو ان کی کار حادثے کا شکار ہو گئی۔ جس نے ان کی زندگی کے چراغ کو گل کر دیا۔ آخری رسومات ناگپور میں ادا کی گئیں۔
جو شخص سماج کا سچا خادم ہو۔ سماج کی خلوص و دیانت داری سے خدمت انجام دیتا ہو، وہ کرپشن، عیاری، مکاری، جھوٹ اور فریب کو کیسے برداشت کر سکتا ہے۔ سوختہ کی شاعری میں یہی سچ جگہ جگہ متحرک نظر آتا ہے۔ وہ اپنے قطعات اور نظموں میں سیاست دانوں کے جھوٹے وعدوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں اور ان کی بے حسی پر طنز کرتے ہیں۔ ان تین شعروں میں ان کے طنز کی کاٹ کتنی پر تاثیر ہے:
بڑھ رہی ہیں دیش میں تیزی کے ساتھ
قیمتیں ، آبادیاں ، بے کاریاں
چور بازاری کی یہ ہیں برکتیں
بھوک، فاقہ، مفلسی، بیماریاں
گو حکومت لاکھ کرتی ہے جتن
رک نہیں سکتی یہ پیداواریاں
اصل میں چور بازاری سیاست دانوں کی سرد مہری یا ان کی اس فعل کے مرتکب لوگوں سے ساز باز کا نتیجہ ہوتی ہے، لہٰذا سوختہ نے ایک تیر سے دونوں کو گھائل کیا ہے۔ سوختہ کے شعر سچ بولتے ہیں۔ اس قطعہ میں سیاست دانوں کی عیاری و مکاری کوکس خوبی سے اجاگر کیا ہے:
لاکھ اور دو لاکھ کا گھاٹا ہوا تو کیا ہوا
اس سے سرکاری خزانے میں نہیں آتی کمی
کیوں نہ دیں ہلے سے نالائق بھتیجے کو لگا
گرچہ بدھو ہی سہی پھر بھی ہے اپنا آدمی
جب سو نئے پیسے کا ایک روپیہ وجود میں آیا تو سوختہ نے ان دان دھرم کرنے والوں کی جو اسے جبری ٹیکس سمجھتے ہیں ا س طرح خبر لی:
ہم بھی اب دان دھرم کرنے کی
کھل کے حسرت نکال سکتے ہیں
ایک روپے کے سو نئے پیسے
سو فقیروں کو ٹال سکتے ہیں
سوختہ وسیع القلب تھے اس لیے وہ تعصب و نفرت سے ہمیشہ علاحدہ رہتے تھے۔ ان کے دل میں سب کے لیے جگہ تھی۔ وہ انسانیت نواز تھے اس لیے انسان کی تلاش میں مصروف رہتے ہیں۔ جب وہ عاجز آ گئے تو کارخانے اور مل کے مالکوں سے یہ گزارش کی:
یہ کل، یہ مل، یہ مشینیں ، یہ کارخانے ہیں
بنا کے لو ہے کو سونا نکال سکتے ہیں
ہمیں تو آج ضرورت ہے ایسے سانچوں کی
جو ملک میں نیا انسان ڈھال سکتے ہیں
اس قطعہ میں انسانیت، اخوت، محبت اور صبر کی جو تصویر کھینچی گئی ہے وہ دل کو متاثر کرتی ہے۔ کاش کہ ہم فٹ پاتھ پر سونے والے مجبوروں اور غریبوں سے ہی سبق سیکھ لیتے توام کی فضا قائم ہو جاتی:
جینے کا وزن صبر سے ڈھو لیتے ہیں
راتوں کو جو فٹ پاتھ پہ سو لیتے ہیں
ان لوگوں میں آپس کی محبت دیکھو
ملتے ہی چھٹ جاتے ہیں رو لیتے ہیں
کرپشن دور کرنے کا نسخہ بھی سوختہ نے بتایا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ جو کرپشن نہ کرے اس کو کرپشن کرنے پر مجبور کرنے سے کرپشن دور ہو سکتا ہے۔ یہ حکمت ان کی گہری سوچ کا ثبوت فراہم کرتی ہے:
کرپشن دور گر ہوتا نہیں ہے
کرپشن اس طرح سے دور کر دو
کرپشن جو نہیں کرتا ہے اس کو
کرپشن کے لیے مجبور کر دو
سوختہ نے سیاست داں ، سرمایے دار، بے روزگاری، جبری ٹیکس، نظام تعلیم کی خرابی اور اس طرح کے کئی سلگتے موضوعات کو اپنی فکر کا مرکز بنایا ہے اور بات میں بات پیدا کی ہے۔ وہ لیڈروں کو اپنے طنز کے تیز نشتر سے اس طرح گھائل کرتے ہیں :
ایکتا کی سبھا کا منچ سجا
چند لیڈر وہاں نظر آئے
دن کو تقریر کرتے ہیں شب کو
لوٹ کا مال جن کے گھر آئے
یہ نظم دیکھئے۔ سرکاری افسر شریف لوگوں کوکس سنجیدگی سے پریشان کرتے ہیں اس نظم میں اس کی منظر کشی کی گئی ہے:
پینشن لینے خزانے میں گئے کوئی بزرگ
ان کو لینا تھا وہاں سے دو مہینے کا حساب
مل گئی چالو مہینے کی انھیں پوری رقم
اور ملا پچھلے مہینے کے متعلق یہ جواب
کیجئے داخل سول سرجن کا اک سرٹیفیکٹ
یہ کہ اب سے تیس دن پہلے بھی تھے زندہ جناب
آپ کے جینے کامل جائے گا تحریری ثبوت
پھر تو کیا ہو جائے گا فوراً بقائے کا حساب
پینشنر بوڑھا بے چارہ گھر کو واپس آگیا
سوچتا ہے کس طرح دیں اس حماقت کا جواب
سوختہ اپنی شاعری میں کھوکھلے سماج پر اسی طرح سخت تنقید کرتے ہیں۔ اس کے لیے وہ کہیں طنز اور کہیں مزاح کا سہارا لیتے ہیں اس لیے ان کا اکثر کلام اکبر الہ آبادی کی یاد دلاتا ہے۔
آکاشوانی، ناگپور سے نشر
شارق ایرایانی کی شاعری
شاعری فنون لطیفہ میں ممتاز ہے۔ یہ لطیف فن دل کی کشی میں بے مثال، کیف آفرینی میں بے نظیر، انداز بیان میں پر اثر، اور ندرت کاری میں منفرد تسلیم کیا گیا ہے۔ جب شاعر فکر جمیل کے چمنستان میں قدم رکھتا ہے تو اس کے اشعار میں الہامی پھولوں کی روح نواز خوشبو پیدا ہو جاتی ہے۔ وہ پیغمبر نہیں ہوتا اور نہ ہی اس پر وحی الٰہی کا نزول ہوتا ہے۔ لیکن اس کے الفاظ میں نغمۂ سرمدی کی جھنکار یقیناً چھپی ہوئی ہوتی ہے۔ شرط صرف اتنی ہے کہ شاعر صحیح معنی میں شاعر ہو۔
ہمارے ناقدین نے شاعری کو دیگر فنون لطیفہ پرکیوں ترجیح دی ہے؟کیوں اس کو سب سے ممتاز تسلیم کیا ہے اور کیوں اس کی دل آویزی کو معراج لطافت قرار دیا ہے۔ یہ ایک حل طلب مسئلہ اور تشریح طلب سوال ہے۔
اگرچہ ہمارے ناقدین کے سامنے موسیقی کی نغمہ بار و سرود آفریں فضا تھی۔ مصوری کے نقوش حسیں ان کی نگاہوں کو اپنی طرف پوری رعنائی و دل فریبی سے متوجہ کر رہے تھے۔ وہ بت تراشی و سنگ تراشی کے کمال کو دیکھ رہے تھے۔ اہرام مصر اور تاج محل کی صورت میں پتھروں کی خاموش گویائی کا مشاہدہ کر رہے تھے۔ یہ وہ فنون لطیفہ تھے جو حسن بھی رکھتے تھے اور جمالیات کا خزینہ بھی۔ دلکشی کا مرقع بھی تھے اور وجدانیات کے محرک بھی۔ پھر ناقدین نے ان کو وہ درجہ کیوں نہیں دیا جو انھوں نے شاعری کو دیا ہے۔
دراصل مصور کسی پیکر ناز و ادا کو اپنی جنبش قلم سے تصویر کے ذریعے دکھاتا ہے۔ اس کی مخمور آنکھوں کی کیفیت نمایاں کرتا ہے۔ اس کے لبوں کا جاں نواز تبسم عیاں کرتا ہے۔ اس کی معصوم اداؤں کے سحر کو صفحۂ قرطاس پر بکھیرتا ہے۔ تو دیکھنے والی نگاہیں حیرت میں غرق اور کشش جمالی میں گم ہو جاتی ہیں۔ معلوم ہوتا ہے کہ تمام حسن و جمال سمٹ کر ایک پیکر رعنا میں نمودار ہو گیا ہے۔ کیا مصور کا یہ کمال داد طلب نہیں ہے؟
مغنی جب اپنی سریلی آواز کو زیر و بم سے آشنا کرتا ہے تو سننے والا کیف و مستی میں یہ کہہ اٹھتا ہے:
اس غیرت ناہید کی ہر تان ہے دیپک
شعلہ سا لپک جائے ہے آواز تو دیکھو
جب وہ بھیرویں کے سروں میں ڈوب کر صبح کو اپنا فن پیش کرتا ہے تو کون ایسا بے حس ہے جو اس کا اثر نہیں لیتا۔ وہ دیپک راگ سے آگ لگا سکتا ہے اور میگھ راگ سے پانی برسا سکتا ہے۔ کیا اس کے یہ کمالات نظرانداز کیے جا سکتے ہیں۔
بت تراشی اور سنگ تراشی ایک ہی فن کے دو نام ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ بت تراش جانداروں کے مجسمے بناتا ہے اور سنگ تراش بے جان چیزوں کا حسن نمایاں کرتا ہے۔ اگر بت تراش کیوپڈ اور سائیکی کے مجسمے کی تخلیق کرتا ہے تو سنگ تراش کا فن دنیا کے سامنے تاج محل کی بے نظیر عمارت میں اپنا حسن کمال آشکار کرتا ہے۔ کسی میں اتنی جرأت ہے کہ یونان کے اصنام تراشوں کے حسین فن سے انکار کرے یا تاج محل، کی رعنائیوں کا اعتراف نہ کرے۔
ان حقائق کے باوجود بھی ہمارے ناقدین شاعری کے حسن کو ان سب پر فوقیت دیتے ہیں۔ بے شک ان سب میں رعنائی و دل کشی ہے لیکن شاعری ان سب سے بالاتر ہے۔ ہر دعوے کے لیے دلیل کی ضرورت ہوتی ہے اگر شاعری کو دیگر فنون پر فوقیت دی گئی ہے تو اس کے لیے یہ دلیل بھی ہے۔
مصور ایک حسینہ کی تصویر بنا کر، مخمور آنکھیں ، دل فریب خدوخال، متبسم لب اور معصوم ادائیں نمایاں کر سکتا ہے۔ لیکن ان سے ہمارا دل جو اثرات قبول کرتا ہے اس کی تشریح و تصریح نہیں کر سکتا۔ عمارت یا بت کا حسن و جمال جو کیفیات پیدا کرتا ہے وہ انھیں بیان کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ اسی طرح مغنی اپنے نغمے سے مسحور کر سکتا ہے لیکن اس سے دل و دماغ پر کیا گزرتی ہے اسے بیان نہیں کر سکتا۔ اس کے برعکس شاعران چیزوں کو جو نطق سے عاری ہیں ان کو نطق عطا کرتا ہے۔ وہ تصویر کو طاقت گویائی، مناظر قدرت کو قوت گفتار اور ہر شئے کو داخلی و خارجی کیفیات ودیعت کرتا ہے۔ یہی وہ خوبی ہے، جو شاعری کو فنون لطیفہ میں ممتاز کرتی ہے۔
شاعری کی تعریف اختلافی رہی ہے۔ اس کے متعلق سب سے پہلے یونان کے مشہور فلسفی افلاطون نے اپنا خیال ظاہر کیا۔ اس نے اس خیال میں شاعر اور شاعری دونوں سے اپنی بیزاری کا اظہار کیا۔ اس کے بعد افلاطون کے شاگرد ارسطو نے اپنی کتاب بوطیقا میں اپنے استاد کے خیال کا رد پیش کیا۔ اس کے نزدیک شاعری دنیاوی زندگی کی عکاس تھی۔ پھر ایک یونانی کاہنہ دیوتیما نے ایک ایسی دعوت میں جس میں ڈرامہ نگار اگاتھن، ارسٹویز، افلاطون اور سقراط وغیرہ شریک تھے عدم کو وجود میں منتقل کرنے کو شاعری بتایا۔ اسے سب نے قبول کیا۔ یہ وہ تشریح تھی جس نے پچھلے تمام نظریات شاعری کو باطل قرار دے دیا۔ گویا شاعر وہی ہے جو عدم کو وجود میں لاتا ہے۔ اسے الفاظ کے پیکر میں سجا کر لوگوں کے سامنے پیش کرتا ہے۔ اردو کے عظیم شاعر غالب بھی اسی تعریف کے قائل تھے۔ اس فرق کے ساتھ کہ انھوں نے عدم کو غیب سے بدل کر شاعری کو الہام بنا دیا تھا۔ ان کے نزدیک صریر خامہ کی حقیقت نوائے سروش تھی:
آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں
غالب صریر نامہ، نوائے سروش ہے
اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ شاعری بہت ہی اعلا و ارفع فن ہے اور بڑے سے بڑے شاعر کے پورے کلام کا اس معیار پر پورا اترنا ممکن نہیں ہے۔ غالب بھی اس گرفت میں آتے ہیں۔ یہ چند شعر دیکھئے:
ہم سے کھل جاؤ بوقت مے پرستی ایک دن
ورنہ ہم چھیڑیں گے رکھ کے عذر مستی ایک دن
دھول دھپا اس سراپا ناز کا شیوہ نہیں
ہم ہی کر بیٹھے تھے غالب پیش دستی ایک دن
کیا اس نوائے عیاشی کو نوائے سروش کہا جا سکتا ہے؟ہرگز نہیں۔ معلوم یہ ہوا کہ اعلا و ارفع شاعری کچھ اور ہی ہے اور اس کے نمونے غالب کے کلام میں جا بجا بکھرے ہوئے ہیں۔ یہ وہ حقیقت ہے جس کا اعتراف ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہے۔ یہاں انانیت اور خود نمائی آڑے آتی ہے۔ ان حالات میں جن شعرا نے صدق دل سے اس سچائی کا اعتراف کیا ہے وہ قابل احترام ہیں۔ شارق ایرایانی ایسے ہی شعرا میں شامل ہیں وہ اپنی شاعری کے متعلق اپنے مجموعہ کلام ’’گل ریز‘‘ کے دیباچے میں لکھتے ہیں :
’’انگریزی کا ایک مقولہ ہے جس کی معنی یہ ہیں شعرا پیدا ہوتے ہیں۔ اس کا واضح مفہوم یہ ہے کہ شاعر میں شاعری کا مادہ فطری ہوتا ہے۔ اگر یہ صحیح ہے تو قدرت سے مجھے شکایت ہے کہ اس نے مجھ کو شاعر کیوں پیدا کیا۔ کیا دو مصرعے موزوں کر لینے کا نام شاعری ہے۔ یقیناً ایسا نہیں ہے۔ تومیں مکمل شاعر کیوں نہ ہو سکا۔ میں نے جو کچھ کہا ہے وہ دو مصرعے موزوں کر لینے سے زیادہ نہیں ہے۔ اگر کہیں کامیابی حاصل ہوئی ہے تو نہ ہونے کے برابر۔
اب میں کہتا ہوں کہ ہاں قدرت نے مجھے شاعر پیدا کیا ہے۔ اس کی معمولی سی جھلک میرے کلام میں ملتی ہے۔ میں مکمل شاعر کیوں نہ ہو سکا۔ اس کی وجہ سے میرے استاد محترم جگر مراد آبادی فرمایا کرتے تھے میاں تم شاعری کا حق ادا کرو تو شاعری تمہارا حق ادا کرے گی۔ میں جب غور کرتا ہوں۔ میری طبیعت جواب دیتی ہے۔ جتنا حق تم نے شاعری کا ادا کیا، اتنا ہی حق شاعری نے تمہارا ادا کیا ہے۔ اب شکایت کیوں کرتے ہو۔ یہ جواب سن کر مجھے مایوس ہونا پڑا۔ ‘‘ (ص: ۱۴)
یہ صاف گوئی شارق ایرایانی کی سادہ،مخلص اور بے ریا فطرت کی غماز ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی پوری شاعری ارفع و اعلا نہیں ہے۔ ان کے سارے اشعار عدم سے وجود میں نہیں آئے ہیں۔ نہ ہی غیب سے لباس شہود میں جلوہ گر ہوئے ہیں بلکہ اس قسم کے اشعار کی جھلک ان کے مجموعے میں کہیں کہیں نظر آتی ہے۔ اس لیے وہ دو ٹوک یہ بھی کہہ دیتے ہیں :
شارق کمال فن کی ابھی تک ہے آرزو
جو خود فریب ہو، وہ سخن ور نہیں ہوں میں
اس تناظر میں شارق ایرایانی کی شاعری کا تجزیہ کرنا، کار دشوار ہے۔ اصل میں اعلا اور معیاری شاعری کے سوتے داخلیت سے پھوٹ کر خارجیت کی طرف آتے ہیں۔ احساسات، جذبات، تاثرات،کیفیات، مشاہدات اور تجربات الفاظ کے پیکر میں دل و دماغ کی چھلنی سے گزر کر ڈھلتے ہیں اور شعر کی صورت اختیار کرتے ہیں۔ اس کا سراغ لگانا اس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک یہ نہ معلوم ہو کہ شاعر نے اپنا سفر کن راستوں سے گزر کر طے کیا ہے۔ وہ تجربات و مشاہدات کی کس آگ میں جلاہے۔
جن لوگوں نے شارق ایرایانی کو قریب سے دیکھا ہے وہ جانتے ہیں کہ ان کی زندگی مسلسل حادثہ تھی اس کے باوجود بھی انھوں نے ہمیشہ صبر و شکر سے کام لیا اور ان کے زبان پر کبھی شکوہ تک نہیں آیا۔ یہ ان کے عزم و حوصلے اور علم و یقین کا کمال تھا۔ وہ حضرت شاہ نثار احمدؒ سے بیعت تھے۔ ان سے بے حد عقیدت و محبت رکھتے تھے اسی نے ان کو عشق سماوی میں گرفتار کیا اور انھوں نے زمیں سے آسمان کی طرف پرواز کی۔ یہ وہ حقائق ہیں جن کے شواہد ان کے شعروں میں موجود ہیں۔ دیکھئے:
خدا پرست بھٹکتے پھرے خدا نہ ملا
کمی یہ تھی کہ محبت سا رہنما نہ ملا
متاع صبر ملی، شکر کا خزانہ ملا
بہت ملا کہ ہمیں عشق کے سوا نہ ملا
یہ کائنات وہ ہے جس کے گوشے گوشے میں
خدا بہت سے ملے، بندۂ خدا نہ ملا
کمی جو پائی تو اپنے خلوص میں پائی
مجھے تو کوئی زمانے میں بے وفا نہ ملا
ہزاروں صاحب ہمت ملے مگر ہنس کر
مری طرح کوئی شعلوں سے کھیلتا نہ ملا
شارق ایرایانی کی زندگی جس طرح گزری اور انھوں نے جو مشاہدہ کیا اس کا واضح بیان ان شعروں میں موجود ہے۔ اس میں غم ذات بھی ہے اور غم کائنات بھی۔ خلوص کی تصویر کشی بھی ہے اور مکاری کی عکاسی بھی۔ یہی وہ احتساب ہے جو خیر کو شر سے، جھوٹ کو سچ سے اور حق کو باطل سے علاحدہ کرتا ہے۔ کھوٹے اور کھرے کی شناخت اسی سے ہوتی ہے۔ یہی مقصد حیات کو بھی واضح کرتا ہے۔ اگر ان شعروں کو اپنا رہنما بنا لیا جائے تو زندگی یقیناً کامیابی سے ہم کنار ہو سکتی ہے۔ مثلاً خدا کو پانے کے لیے کسی بزرگ کامل کی جو سراپا محبت ہو رہنمائی حاصل کرنا۔ راہ عشق میں صبر و شکر کے ساتھ آگے بڑھتے رہنا۔ دنیاوی خدا سے انحراف کرنا۔ خود کو دوسروں سے کم تر سمجھنا اور شعلوں سے گزرتے وقت ہنستے رہنا وغیرہ۔ اسی سوچ کی زمین سے شارق ایرایانی کے معیاری اشعار کا انکھوا پھوٹا ہے۔ یہی اس قسم کے شعروں کی تخلیق کا باعث ہے اور اسی نے ان کے بعض شعروں کو وہ رفعت بلندی عطا کی ہے کہ وہ نوائے سروش معلوم ہوتے ہیں۔
عشق کی تفہیم و تشریح اردو کے بیشتر شعرا نے اپنے اپنے مذاق و مزاج کے مطابق کی ہے۔ اس ضمن میں کسی کی نگاہ روئے جاناں تک محدود رہی اور کسی نے کون و مکاں سے پرے اس کی تلاش کی۔ شارق ایرایانی کے ایوان شاعری میں ان کا تصور عشق زمین سے آسماں کی جانب مائل پرواز نظر آتا ہے۔ اس میں التفات کے بعد ترک تعلق کا صدمہ ان کے لیے موت کا باعث ہوتا ہے۔ توجہات کے بعد دل کا حال اس سحر کے مانند ہوتا ہے جس کے لب پر رات ختم ہونے کے بعد تبسم رقص کرنے لگتا ہے۔ یہ شکایت بھی سامنے آتی ہے کہ جب تخلیق کائنات کا سبب حسن ازل کی نمود و نمائش تھی تو تخلیق کائنات کے بعد پردے میں نہاں ہو جانا کیا معنی۔ یہ عزم بھی ملتا ہے کہ حرکت و عمل اور چلا چل ہی کامیابی کی دلیل ہے اس لیے کہ حسن کائنات کے بعد ہی اس حسن کا قرب حاصل ہو سکتا ہے جو حسن حقیقی ہے۔ یعنی وہ حسن جس کے مشاہدے کے بعد ہوش و حواس کا قابو میں رہنا محال ہے۔ یہ سارے حقائق ایک ہی غزل میں قرینے سے سمٹ آئے ہیں۔ ملاحظہ کیجئے:
یہ رنج سہہ نہ سکیں گے ہم التفات کے بعد
حیات موت سے ترک تعلقات کے بعد
یہ دل کا حال ہے ان کے توجہات کے بعد
سحر کے لب پہ تبسم ہو جیسے رات کے بعد
ہمارے واسطے جلوؤں کو تو نے عام کیا
ہمیں سے پردہ ہے تخلیق کائنات کے بعد
جنون شوق سے کہہ دو قدم بڑھائے چلے
اک اور حسن بھی ہے حسن کائنات کے بعد
جمال یار سے کیا فیضیاب ہو گا کوئی
حواس ہی نہ رہیں گے مشاہدات کے بعد
گویا ان کا عشق انتہائی پاکیزہ ، شائستہ، مہذب اور حدود شرع میں ہے۔ وہ صف گل رخاں سے گزر کر مہ و کہکشاں سے آگے جمال یار کی تلاش کرتا ہے:
نہ یہی کہ ذوق نظر مرا صف گل رخاں سے گزر گیا
میں تری تلاش میں بار ہا مہہ و کہکشاں سے گزر گیا
وہ اس شوریدہ سری سے تاج وری کو ٹھوکر مارنے کا عزم و حوصلہ رکھتا ہے:
کیا شے ہے مرے عشق کی شوریدہ سری بھی
قربان بھی کر دوں جو ملے تاج وری بھی
یہی وہ عشق ہے جو صبر و شکر کے ساتھ زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتا ہے:
عشق میں یونہی نہیں صبر کی خو آئی ہے
زندگی سرحد آلام کو چھو آئی ہے
یہی وہ حوصلہ بھی عطا کرتا ہے کہ منزل نہ ملنے کی تمنا دل میں جاگزیں ہوتی ہے۔ یہ تمنا لذت تلاش و طلب کی دین ہے:
تلاش و طلب میں وہ لذت ملی ہے
دعا کر رہا ہوں کہ منزل نہ آئے
یہی وہ مقام ہے جہاں تکلیف راحت پر اور غم مسرت پر غالب آ جاتا ہے۔ نتیجے میں خیالات کے وہ دھارے پھوٹتے ہیں جو دنیاوی شادمانی سے کوئی مناسبت یا تعلق نہیں رکھتے۔ جو غم میں خوشی اور دکھ میں آسائش کا لطف دیتے ہیں۔ شارق ایرایانی انھی راہوں سے گزرے ہیں اسی لیے انھوں نے اس قسم کے شعروں کی تخلیق بھی کی ہے:
اب پھولوں کے سائے میں احساس اذیت ہے
شعلوں سے گزرتا تھا، عشق عربی پہلے
قفس میں ہیں شاداب پھولوں کے سائے
کہیں غیرت بال و پر سو نہ جائے
ممنون غیر ہونا کیا ڈوبنا نہیں ہے
احسان نا خدا سے طوفاں برا نہیں ہے
رہ طلب میں حوادث ہیں سنگ راہ تو کیا
جنوں کی شان یہی ہے رواں دواں گزرے
جو فسردہ دل ہوں قومیں تو ہلاک جور عالم
جو حرارت عمل ہو تو ہزار تاج شاہی
مسرتوں کے خزینے بھی اس پہ قرباں ہیں
عزیز مجھ کو ترا غم ہے اپنی جاں کی طرح
یہ سرور غم جاناں ، یہ جنوں کی شورش
زندگی جنت آشفتہ سری نکلے ہے
تمام عالم امکاں کی سیر کی لیکن
مری طرح نہ کوئی زہر غم چشیدہ ملا
ان اشعار میں جو داخلی جذبات و احساسات ہیں وہ آفاقیت کو اپنے گھیرے میں لیے ہوئے ہیں۔ ان میں ہر شخص اپنے مذاق کے مطابق اپنے دل کی دھڑکن محسوس کر سکتا ہے۔ شارق ایرایانی کے معیاری اشعار کی شناخت اسی لہجے سے ہوتی ہے۔
مطبوعہ:ماہنامہ اردو میلہ، ناگپور،اپریل ۲۰۰۲ء
حمید ناگپوری کا غم
حقیقی شاعری وہی ہے جس میں شاعر کی روح جلوہ گرہو۔ اس کا باطن نمایاں ہو اور اس کی شخصیت کا عکس جمیل نظر آئے۔ جس شاعری میں یہ خوبی نہیں ہوتی وہ رسمی شاعری تو ہو سکتی ہے، حقیقی شاعری نہیں۔ بقول شاعر:
شاعری خون جگر کا ہے لبالب شاعر
کسی کم ظرف کی تفریح کا ساماں تو نہیں
اس تاثر کو اقبال نے اس شعر میں اس طرح پیش کیا ہے:
نقش ہیں سب نا تمام خون جگر کے بغیر
نغمہ ہے سودائے خام خون جگر کے بغیر
گویا وہ فن نامکمل ہے جس میں خون جگر کی آمیزش نہ ہو، فنکار کی روح شامل نہ ہو۔ حمید ناگپوری کی شاعری اسی حقیقت کی شاہد ہے کہ اس میں اقبال کے خون جگر کی آمیزش ہے۔ ان کے تخلیقی پیکر میں رسمی احساسات و جذبات نہیں ملتے اور نہ ہی بے موقع آہیں اور بے سبب نالے نظر آتے ہیں بلکہ چند انمول حقائق ہیں جنہیں حمید نے اشعار کے صورت میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ اپنی زندگی کے نشیب و فراز کی عکاسی کی ہے اور اپنے ذاتی غم کو اس ہنر مندی سے اجاگر کیا ہے کہ وہ ہر چوٹ کھائے ہوئے دل کا ترجمان بن گیا ہے۔
حمید انتہائی مفلس خاندان کے چشم و چراغ تھے۔ بچپن میں سایۂ پدری سے محروم ہوئے تو چچا نے ان کی پرورش کی لیکن حمید کے بیان کے مطابق چچا کی فراخ دلی پیاسے کو سمندر سے شبنم پانے کی مصداق تھی۔ یونہی سا ایک پردہ تھا جسے ہماری سعادت مندی نے پڑا رہنے دیا اور ادھر زندگی کی ساعتیں کٹتی گئیں۔
حمید کی والدہ ایک دیندار اور دانش مند خاتون تھیں۔ انھوں نے غربت کے عالم میں اپنے اکلوتے بیٹے کی تعلیم و تربیت کا اس طرح انتظام کیا کہ انھیں محلے کے ایک صاحب فضل و کمال بزرگ مولانا سید بہاؤالدین کے سپرد کر دیا۔ سید صاحب نے انھیں اردو اور فارسی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم بھی دی۔ گھرکی اقتصادی حالت اس قدر خراب تھی کہ وہ کسی اسکول سے تعلیم حاصل نہ کر سکے اور بہت کم عمری میں ہی فکر معاش میں الجھ کر رہ گئے۔ اس کے لیے کئی جتن کیے لیکن معاشی پریشانیوں نے پیچھا نہ چھوڑا۔ ان حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے وہ خود لکھتے ہیں :
’’پیٹ کے لیے روٹی حاصل کرنا میرا مقصد حیات بن گیا تھا۔ بسا اوقات اپنی وضع اور خود داری کا گلہ گھونٹنے کو میرے ہاتھ اٹھ گئے۔ بار ہا میں نے محسوس کیا کہ خود اپنی نگاہوں سے گر چکا ہوں۔ مگر خدا کا شکر کہ اس نے ایسے موقعوں پر بال بال بچا لیا اور میری انسانیت نکھرتی چلی گئی ورنہ غربت ایسی لعنت ہے کہ:
برق ناموس شرافت پہ گرا دیتی ہے
عزت نفس کا احساس مٹا دیتی ہے
ہائے کہ لعنت افلاس ہے ایسی لعنت
اپنی نظروں سے بھی انساں کو گرا دیتی ہے
اس کے علاوہ بھی حمید کو کئی دل سوز حالات سے مقابلہ کرنا پڑا۔ شادی کے ایک سال بعد ہی ان کی اکلوتی نوجوان بہن کا انتقال ہوا۔ والدہ اس صدمے کو برداشت نہ کر سکیں اور وہ بھی حمید کو تنہا چھوڑ کر رخصت ہو گئیں۔ اس وقت ان کی عمر تئیس سال تھی۔ اب انھوں نے شادی کو مداوائے غم سمجھ کر ازدواجی زندگی میں قدم رکھا۔ لیکن یہ سکون بھی عارضی ثابت ہوا۔ ان کی شریک حیات عائشہ بھی بہت جلد ابدی سکون کی آغوش میں سو گئی۔
یہ تھے وہ حالات جو حمید کی زندگی میں تیزی سے پیش آتے رہے۔ اسی مسلسل غم میں ان کی زندگی گزری۔ یہی غم ان کے شعروں میں اس طرح جذب ہوا کہ ترجمان حیات بن گیا۔ آپ بیتی، جگ بیتی ہو گئی:
مری سرشت ہے ہنس ہنس کے زخم غم کھانا
کہ حادثات میں پل کر جواں ہوا ہوں میں
حصار غم میں قید رہ کر مسکراتے رہنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ یہ انھی کا کام ہے جو صابر و شاکر اور قانع ہوتے ہیں۔ تقدیر الٰہی پر مکمل بھروسہ رکھتے ہیں۔ بصورت دیگر انسان اپنی عزت و شرافت کو بیچ کر زندگی کے دن پورے کرتا ہے۔ حمید نے اپنے غم کو ہنس ہنس کے اپنے دل میں جذب کیا ہے تو بڑے جگر کا کام کیا ہے۔ ان کی شخصیت کی تکمیل اسی عزم و حوصلے سے ہوئی ہے۔
انھوں نے ندرت خیال، بندش الفاظ، سلاست و روانی اور جدید خیالات سے اپنے اشعار کو زینت عطا کی اور معاملہ بندی و عریاں نگاری سے اجتناب کیا۔ در اصل ان کی شاعری ان کی زندگی کی تفسیر ہے۔ وہ جن راہوں سے گزرے اور انھیں جن حالات کا مقابلہ کرنا پڑا، ان شعروں میں ان کی جھلک صاف نظر آتی ہے:
پوچھو نہ کس عذاب سے کاٹی ہے زندگی
ناکام حسرتوں کا سہارا لیے ہوئے
امواج حادثات میں کھیلا ہوں عمر بھر
ساحل پہ تھی نگاہ نہ طوفاں نظر میں تھا
زندگی گزری ہے کن کن مرحلوں سے کیا کہوں
کتنی موجیں غم کی اٹھیں اور طوفاں ہو گئیں
حمید رسم زمانہ سے ہم نہ تھے واقف
کسے خبر تھی کہ اپنے بنیں گے بیگانے
سرخوشی بن نہ سکی زہر الم کا تریاق
زندگی تلخی حالات سے آگے نہ بڑھی
ناکام حسرتوں کے سہارے زندگی گزارنا، امواج حادثات سے کھیلنا، احباب ور شتے دار کی بے التفاتی کا غم سہنا، تلخی حالات کا مسلسل مقابلہ کرنا اور ہجوم یاس کے سائے میں زندگی بسر کرنا سب کے بس کا کام نہیں ہے۔ حمید ان حالات کا مسلسل شکار رہے۔ اسی نے ان کے دل میں غم میں رہ کر مسکرانے کا جذبہ عطا کیا اور انھیں عزم و ہمت کی وہ بے مثال دولت بخشی کہ خوشی سے منحرف ہو گئے نتیجہ یہ نکلا کہ سوز غم کی تپش پر عارضی خوشی کو قربان کر دیا:
حمید اصل میں اک غم کو ہے ثبات یہاں
جسے دوام نہیں اس خوشی سے کیا لینا
وہ تلخ کامی غم کی تشریح یوں کرتے ہیں :
تلخ کامی غم معاذ اللہ
زندگی ہے شراب زہر آلود
لیکن غم سے گھبرا کر بھاگنے والوں کو یہ احساس بھی دلاتے ہیں :
غم سے گھبرا کے بھاگنے والے
راستے ہیں فرار کے مسدود
یہی وجہ ہے کہ حمید نے نامساعد حالات میں شکست تسلیم نہیں کی۔ درد و فغاں کو اپنا شیوہ نہیں بنایا۔ خود کو قنوطیت و یاسیت کے حوالے نہیں کیا بلکہ اس امید کے سہارے ان کا کاروان ہستی رواں دواں رہا:
حمید شام غریبی کا کس لیے شکوہ
دہ دیکھ جانب منزل چراغ جلتے ہیں
غم حیات کی طرح غم جاناں نے بھی ان کے کردار کو سنوارنے اور ان کی شخصیت کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ غم دراصل ان کی رفیقۂ حیات عائشہ کی موت کا غم تھا جس سے ان کو بے انتہا محبت تھی اور جس کی دائمی جدائی پر وہ تڑپ کر رہ گئے تھے۔ اس احساس و جذبے کو ان کی نظم اے عائشہ میں دیکھا جا سکتا ہے جوان کے مطبوعہ مجموعہ کلام ’’حرف خاموش‘‘ میں موجود ہے۔ عائشہ کی موت نے ان کو یہ انمول تحفہ دیا تھا:
تیرے غم نے ہزار پہلو سے
میرے کردار کو سنوارا ہے
وہ رنج و غم سے مقابلہ کرتے کرتے سوچ کی اس منزل پر آ کر اپنی پوری قوت سے تھم گئے تھے:
غم کے اشکوں سے جلا پاتا ہے انساں کا ضمیر
زندگی درد و مصائب میں نکھر جاتی ہے
حمید کی غزلیں خلوص کی آئینہ دار ہیں۔ ان کی فکر جمیل پر تغزل کی گہری چھاپ بھی ہے۔ ان کا رنگ تغزل پاکیزہ اور سنجیدہ خیالات سے مملو ہے۔ انھوں نے ذکر محبوب کئی پہلو سے کیا ہے۔ کبھی اس کے حسن و جمال کی تعریف کی۔ کبھی طنز و شکایت سے کام لیا اور کبھی اس سے امید باندھی۔ انھوں نے راہ عشق کو جس طرح طے کیا ہے وہ ان شعروں سے ظاہر ہوتا ہے:
اک تبسم بھی بدل سکتا تھا عنوان حیات
تم نے لیکن زندگی کو خونچکاں رہنے دیا
اف یہ عالم کہ ترا نام بھی لیتا ہے کوئی
دل پہ افتاد سی افتاد گزر جاتی ہے
حل ہوا کہاں جا کر راز حسن و الفت کا
ڈھونڈنے گئے ان کو مل گیا نشاں اپنا
قبول کر کے ترا غم خوشی خوشی میں نے
ترے جمال کو بخشی ہے زندگی میں نے
کیا خبر تھی حال دل ان پر عیاں ہو جائیگا
آنکھ سے جو اشک ٹپکے گا زباں ہو جائیگا
حمید اہل خرد کو راز کی یہ بات بھی بتاتے ہیں کہ محبت، پاکیزگی ہے، ہوس، نہیں۔ اس لیے محبت کو محبت کی نظر سے دیکھنا ضروری ہے۔ اس وقت ہی اس کا حقیقی مفہوم ہاتھ آئے گا:
الجھ کے رہ گئے اہل خرد لفظ و معنی میں
محبت کو محبت کی نظر سے کس نے دیکھا ہے
اسی محبت نے ان کو یقین کی یہ منزل عطا کی تھی:
حمید مجھ کو زمانہ مٹا نہیں سکتا
بنا لیا ہے محبت کو زندگی میں نے
اور یہ عزم و حوصلہ بھی دیا:
محبت نے بالآخر فطرت دل ہی بدل ڈالی
مصیبت کوئی آتی ہے خوشی معلوم ہوتی ہے
یہاں معاملہ ہی برعکس ہے۔ وہی جگر مرادآبادی کا حال :
جب مسرت قریب آئی ہے
غم نے کیا کیا ہنسی اڑائی ہے
جس شخص کو یہ معرفت حاصل ہو جاتی ہے۔ وہ بے پناہ ہو جاتا ہے۔ دوسروں کے غم کو اپنے دل میں جذب کرنے کی طاقت رکھتا ہے اور زمانے پر چھا جاتا ہے۔ حمید کی شخصیت ان کے ماحول میں اسی لیے نمایاں تھی۔ ہر شخص ان کا احترام کرتا تھا۔ ان کے مجموعۂ کلام حرف خاموش پر تبصرہ کرتے ہوئے نیاز فتح پوری نے ان کی شاعری کے رس کو یوں نچوڑا ہے:
’’جناب حمید کہنہ مشق شاعر ہیں اور اگر صرف وسط ہند کو سامنے رکھا جائے تو بلا خوف تردید کہا جا سکتا ہے کہ وہ اس سرزمین کے سرخیل شعرا میں ہیں۔ وہ ایک غزل سرا شاعر ہیں اور تغزل کی تمام معیاری خصوصیات جو زبان و بیان اور جذبات و تاثرات سے وابستہ ہیں ان کے یہاں بدرجہ اتم پائی جاتی ہیں۔ فنی حیثیت سے بھی وہ ایک پختہ کار شاعر ہیں اور استادانہ حیثیت رکھتے ہیں۔ ‘‘(ماہنامہ نگار:جون ۱۹۶۲ء)
نیاز نے حمید کی شاعری پر جو دو ٹوک رائے دی ہے اس کے ثبوت میں یہاں ان کی ایک مکمل غزل نقل کی جاتی ہے تاکہ ان کی شاعرانہ کو خوبیاں پوری طرح واضح ہو جائے:
رنج غربت ہے نہ کچھ خواہش دولت ہے مجھے
تیرا غم ہے تو ہر اک غم سے فراغت ہے مجھے
یہ طبیعت بھی ترے غم کی ودیعت ہے مجھے
اپنے دشمن سے بھی اے دوست محبت ہے مجھے
اشک آنکھوں میں کسی کی نہیں دیکھے جاتے
اپنے زخموں پہ تو ہنس دینے کی عادت ہے مجھے
میں وہ شائستہ آداب وفا ہوں اے دوست
بے رخی میں بھی تری لطف محبت ہے مجھے
شکوۂ سنجی زمانہ مری فطرت ہی نہیں
آپ کچھ اور سمجھتے ہیں تو حیرت ہے مجھے
پردہ داری وفا تھی کہ زباں کھل نہ سکی
یہ بھی کہہ نہ سکا تم سے محبت ہے مجھے
میں کہاں اور کہاں لطف عنایت اے حمید
ان کی اس بندہ نوازی سے ندامت ہے مجھے
اس غزل میں غم ذات اور غم جاناں کی مختلف کیفیتیں ملتی ہیں اور شاعر کا عزم نمایاں ہوتا ہے۔ محبوب کا غم اس کو ہر غم سے بے نیاز کر چکا ہے۔ اس کونہ تو مفلسی کے غم کا احساس ہے اور نہ ہی مال و زر کی خواہش ہے۔ یہ اسی غم کا نتیجہ ہے کہ اسے اپنے دشمنوں سے بھی محبت ہو چکی ہے۔ وہ انھیں نفرت کی نگاہ سے نہیں دیکھتا۔ یہ اسی غم کا کمال ہے کہ اپنے زخموں کو دیکھ کر خود تو مسکراتا ہے لیکن دوسروں کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر بے چین ہو جاتا ہے۔ اس غم نے اس کو وہ آداب وفا سکھائے کہ محبوب کی بے رخی میں اسے محبت کا مزا ملا۔ اسی نے اس کے لبوں پر مہر سکوت لگائی چنانچہ اس نے شکوہ شکایت سے گریز کیا۔ اس کی اس خاموشی کا اگر کسی نے کچھ اور مفہوم نکالا تو حیرت کا اظہار کیا۔ وہ محبوب کے سامنے اپنی محبت کے اظہار کی جرأت بھی نہ کر سکا ا ور کسی کی لطف عنایت پر نادم و پشیماں ہوا۔ حمید کے یہ خیالات دراصل ان کی غزلوں میں بکھرے ہوئے خیالات کا نچوڑ ہیں۔ ان کے یہاں یہی جذبات و احساسات پہلو بدل بدل کر آئے ہیں۔
یہ سب اشعار ان کے مطبوعہ مجموعۂ کلام حرف خاموش سے لیے گئے ہیں جو ۱۹۶۱ء میں شائع ہو کر منظر عام پر آیا تھا۔ وہ زندگی کے اخیر لمحات تک فکر معیشت میں الجھے رہے۔ اپنا اور اپنے بال بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے راہ پر خار سے گزرتے رہے۔ قصابی کا آبائی پیشہ کیا۔ یہ نہ چلا تو گھرکے ایک حصے میں کوئیلے کی ایک چھوٹی سی دوکان ڈالی پھر لکڑی کی ٹال لگائی۔ ان کاروبار سے جو کچھ ملا اسی پر قناعت کیا۔ لیکن اقتصادی بدحالی نے انھیں اس قدر توڑا کہ ان پر ۱۹۶۴ء میں فالج کا زبردست حملہ ہوا اس کے باوجود بھی وہ صبر و شکر سے زندگی گزارتے رہے۔ عزت نفس کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور تقدیر الٰہی پر قانع رہے۔ وہ اسی حالت میں کاروبار کرتے رہے۔ اخیر عمر کی ایک غیر مطبوعہ غزل کے یہ چند اشعار دیکھئے یہ ان کی پاکیزہ فکر کے شاہد ہیں :
تہذیب خاص و عام ہے میری نگاہ میں
مذہب خود ایک نظام ہے میری نگاہ میں
قدرت کا اہتمام ہے میری نگاہ میں
ہر ذرہ اک نظام ہے میری نگاہ میں
تخریب کار ذہنوں سے معمور ہے فضا
بگڑا ہوا نظام ہے میری نگاہ میں
اوروں کے درد سے جو نہیں واسطہ تجھے
جینا ترا حرام ہے میری نگاہ میں
حاصل بغیر سعی عمل کچھ نہیں حمید
دنیا صلائے عام ہے میری نگاہ میں
اسی سوچ نے ان کو یقین و ایمان کی وہ قوت عطا کی تھی جس کے سہارے وہ امواج حادثات میں ہنس ہنس کے اپنی زندگی گزارتے رہے۔ زہر غم کو پیتے رہے۔ دوسروں کے دکھ درد میں شریک رہے۔ عزم و ہمت سے پریشانیوں کا مقابلہ کرنے کی تلقین کرتے رہے۔ یہ بڑے حوصلے کی بات تھی۔ انھوں نے ۶ جولائی ۱۹۷۳ء کو رحلت فرمائی۔ وہ اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن ان کا غم ادب میں ہمیشہ زندہ ہے گا:
ستم رسیدۂ الفت کوئی حمید بھی ہے
زمانہ دے تمہیں فرصت تو یاد کر لینا
مطبوعہ:حسامیہ ہائی اسکول، ناگپور، سالانہ میگزین،۱۹۷۴ء
سوز خضرائی کی جدت پسندی
کامٹی(ضلع ناگپور)کی ادبی تاریخ کا آغاز ۱۸۸۰ء کے آس پاس ہوتا ہے۔ اس علاقے کے پہلے شاعر منشی محمد غوث مدراسی کی غزلیں پیام یار(لکھنو) میں شائع ہوئی ہیں۔ کامٹی کے استاد شاعر منشی محمد سعید (۱۸۶۰۔ ۱۹۳۰) نے انھیں سے استفادہ کیا تھا۔ سعید نے ہی کامٹی کے کوچہ و بازار میں اردو شاعری کا تذکرہ عام کیا اور متعدد تلامذہ کی رہنمائی کی۔ سعید اور ان کے تلامذہ کی شاعری میں لکھنوی رنگ سخن کا غلبہ ہے۔ معنی آفرینی اور خارجی مضامین کی کثرت ہے۔
سوز خضرائی وہ پہلے شاعر ہیں جنہوں نے کامٹی کے شاعرانہ ماحول میں ایک نیا فکری انقلاب لایا۔ انھوں نے تغزل کے علاوہ حیات و کائنات کے مسائل کو اپنی شاعری میں جگہ دی اور اس کے دائرے کو عصری تقاضوں کی روشنی میں وسیع کیا۔ ان کی شاعری کا آغاز ۱۹۳۲ء میں ہوا۔ وہ ایک فطری اور وجدانی شاعر تھے۔ ان کا مطالعہ وسیع اور قوت مشاہدہ تیز تھی۔ وہ حالات کے نشیب و فراز سے آشنا تھے۔ غالب و فیض کی شاعری متاثر تھے۔ ماہنامہ نگار کا مطالعہ پابندی سے کرتے تھے۔ اسی نے ان کی فکر میں ایک نیا انقلاب لایا اور وہ ایک نئی آواز لے کر اٹھے۔
انھوں نے اپنی زندگی میں غزل، نظم اور قطعات کی صورت میں بہت کچھ کہا۔ لیکن اسے ترتیب دے کر شائع نہ کروا سکے۔ ان کا جو کلام مختلف ذرائع سے ملا ہے اس کی روشنی میں یہ بات واضح ہوتی ہے کہ وہ اپنی غزلوں اور نظموں کو نئے نئے خیالات سے سجاتے رہے۔ ان کے کلام میں گہرائی و گیرائی، جوش و جذبات اور تاثرات کی فراوانی ہے۔ بے تکلفی، اصلیت اور سادگی پائی جاتی ہے۔ وہ مشکل سے مشکل مسئلے یا کسی نفسیاتی کیفیت کوبڑی خوبی سے پیش کرتے ہیں۔ ان کا ذہن ماحول اور زندگی سے بہت متاثر نظر آتا ہے۔ وہ حسن و عشق کے مشاہدات سے نئی روشنی اخذ کرتے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ ان شاعری میں مسرت و غم، جمال و جلال اور کامرانی و ناکامی کا منظرنامہ صاف دکھائی دیتا ہے۔
ان شاعری کا عہد شباب تحریک آزادی کا ہنگامی دور تھا۔ ملک کے گوشے گوشے سے نعرۂ انقلاب بلند ہو رہا تھا۔ آزادی وطن کے جیالے شمع حریت پر مثل پروانہ اپنی جان قربان کر رہے تھے۔ اس ماحول میں انھوں نے انتباہ کے عنوان سے ایک نظم لکھی اور دوسری جنگ عظیم کے حوالے سے یہ خوش خبری مادر وطن کو سنائی اور اسے ہوس پرستوں اور مفاد پرستوں سے دور رہنے کی اس طرح تلقین بھی کی :
مادر ہند ہشیار ہو جا
۔ ۔ ۔
انقلاب آ رہا ہے
اب مصیبت کی گھڑیاں نہ ہوں گی
غم کے آنسو کی لڑیاں نہ ہوں گی
یہ غلامی کی کڑیاں نہ ہوں گی
۔ ۔ ۔
انقلاب آ رہا ہے
ہر مکاں مورچہ بن گیا ہے
جنگ کا دیوتا ہنس رہا ہے
گوشہ گوشہ جہنم بنا ہے
۔ ۔ ۔
انقلاب آ رہا ہے
اب ہوائی جہازوں کا لشکر
یوں فضا میں لگائے گا چکر
صبح کے وقت جیسے کبوتر
۔ ۔ ۔
انقلاب آ رہا ہے
لاش کا فرش ہو گا زمیں پر
کچھ مریں گے فضاؤں سے گر کر
لاکھوں ڈوبیں گے پانی کے اندر
۔ ۔ ۔
انقلاب آ رہا ہے
دیکھ سرمایہ داروں سے بچنا
خود غرض عہدہ داروں سے بچنا
قوم کے ٹھیکہ داروں سے بچنا
۔ ۔ ۔
انقلاب آ رہا ہے
یہ نظم ان کے انقلابی رجحانات کو واضح کرتی ہے اور یہ ثبوت پیش کرتی ہے کہ وہ ترقی پسند ادب سے متاثر تھے۔
ان کی ایک نظم بچہ ہے جو تقسیم وطن کے بعد اس وقت کہی جب بے بی ہائیڈروجن بم کا تجربہ کیا گیا اس نظم میں انھوں نے عالم انسانیت کی تباہی کی جو پیشن گوئی کی ہے وہ مستقبل میں حرف بہ حرف صحیح ثابت ہوئی:
عقل کی سیج پہ لیٹے ہوئے تنہائی میں
کیمیا باز کو جدت کی تمنا جو ہوئی
برق وش بازو سمیٹے ہوئے طاقت کی پری
جھوم کر آ گئی آغوش تمنائی میں
ہر ادا مائل جذبات ہوئی دونوں کی
جس گھڑی وصل کے افسانے کی تکمیل ہوئی
تجربہ گاہ میں اک بچہ کی تشکیل ہوئی
بارور خوب ملاقات ہوئی دونوں کی
یہ وہ بچہ ہے کہ تہہ خانوں میں پلتا ہے ابھی
آزمائش کے لئے جاتا ہے طیاروں میں
غیر آباد جزیروں کے سمن زاروں میں
کود کر جوہر تخریب اگلتا ہے ابھی
یہ وہ بچہ ہے جو مسموم فضا کر دے گا
جنگی طیاروں میں اڑتا ہوا ہر شام و سحر
ملک الموت کو آرام ن دے گا پل بھر
سانس لیتی ہوئی ہر شئی کو فنا کر دے گا
ہے ابھی وقت بدل سکتا ہے بچہ کا خمیر
نقش بر آب بناتے ہوئے تخریبی صفات
اس کی بنیاد پہ ہو سکتی ہے تعمیر حیات
مجتہد جس کے لئے آج ہے انساں کا ضمیر
ان دونوں نظموں کے بیچ جو ’’بعد زمانی‘‘ ہے وہ ان کی فکر کی یکسانیت کو نمایاں کرتا ہے اور یہ واضح کرتا ہے کہ سوز جدت پسندی کے راستے پر ہمیشہ مستقل مزاجی سے گامزن رہے۔ انھوں نے جتنی نظمیں کہی ہیں وہ جدید موضوعات سے ہی تعلق رکھتی ہیں۔ ان میں شائستگی، جوش اور روانی ہے۔
ایک نظم’’ آج میں بہت خوش ہوں ‘‘ کے چند بند ملاحظہ کریں۔ اس میں ان کا رومانی جذبہ نمایاں ہوا ہے۔ چشم رنگیں سے نظریں ملتے ہی ان پر جو کیفیت طاری ہوئی ہے اس میں اس کا اظہار تہذیب و شائستگی سے کیا گیا ہے۔ بلبل کو مخاطب کر کے کہتے ہیں :
آج میں بہت خوش ہوں
تو بھی گائے جا بلبل
زندگی کے نغموں کو
اب سنائے جا بلبل
آج میں بہت خوش ہوں
میرے مہر زریں سے
مل گئی مری نظریں
آج چشم رنگیں سے
آج میں بہت خوش ہوں
روح میری شاداں ہے
بربط محبت پر
زندگی غزل خواں ہے
آج میں بہت خوش ہوں
تیرے دل میں پیار آیا
اپنی زندگی کا اب
مجھ کو اعتبار آیا
آج میں بہت خوش ہوں
آمری خوشی لے لے
تیرا دل اگر چاہے
میری زندگی لے لے
سوز کی غزلیں بھی جدید افکار و خیالات سے بھرپور ہیں۔ انھوں نے حسن و عشق کے روایتی تصور سے ہٹ کر اپنی غزلوں میں نئے نئے گوشے تلاش کئے ہیں۔ اپنی یاسیت کا تذکرہ جدید پیرائے میں کیا ہے اور عصری حسیت کو قرینے سے قالب شعر میں ڈھالا ہے۔ ان کی غزلوں میں خیال کی یکسانیت ملتی ہے اور تصور و نظریے میں کہیں تضاد نظر نہیں آتا۔ یہ اشعار دیکھئے۔ ان میں روح عصر جذب ہے:
اٹھ عزم کی آنکھوں سے ذرا دیکھ اے راہی
ہر نقش قدم پر تری منزل کا نشاں ہے
سنہرے جیل میں انساں کی کھال پہنچا دو
کہ سڑ رہی ہیں وہاں تھیلیاں خزانوں کی
عمل کے واسطے لازم ہے پختہ کاریِ ہمت
کہ ہلکے رنگ سے اکثر بگڑ جاتی ہیں تصویریں
سمجھ میں خاک آئیگی کشاکش دور حاضر کی
حدودِ عقل سے باہر ہے ان خوابوں کی تعبیریں
صبح صادق کا وقت ہے۔ پھولوں کے کٹورے شبنم سے بھرے ہوئے ہیں۔ یہ منظر دیکھ کر کتنا منفرد خیال ظاہر کیا ہے:
گلوں سے رات کی کچھ بات کہہ رہی تھی مگر
جب آفتاب نے ٹوکا تو اڑ گئی شبنم
پروانہ، شمع پر اپنی جان قربان کر دیتا ہے۔ شاعر ٹوکتا ہے کہ جس چراغ کے نیچے مستقل اندھیرا ہو اس پر زندگی قربان کرنا نادانی نہیں تو اور کیا ہے:
یہاں چراغ تلے مستقل اندھیرا ہے
یہ کس کی لو میں جلے جا رہے ہیں پروانے
نظر سے نظر کا ملنا وجہ رسوائی بن گیا۔ ذرا سی بات افسانے میں تبدیل ہو گئی:
نظر نظر سے ملی تھی کہ لے اڑی دنیا
ذرا سی بات کے پھیلے ہوئے ہیں افسانے
کہتے ہیں کہ داستان عشق کا ہر لفظ اس قدر جاں گداز ہے کہ اس کو سن کر نیند اڑ جاتی ہے۔ سکون غارت ہو جاتا ہے:
داستان عشق کا ہر لفظ ہے شعلہ بدوش
جس کو سن کر نیند آ جائے وہ افسانہ کہاں
اور یہ شعر کس قدر پاکیزہ ہے۔ آج کے پر ہوس ماحول میں محبت کا تصور ناممکن ہو کر رہ گیا ہے:
ہوس کے پتنگوں سے محفل بھری ہے
کہاں ہم چراغ محبت جلائیں
سوز کی شاعری اسی طرح کے جدید خیالات سے مملو ہے۔ وہ ایک جدت پسند شاعر تھے۔ کاش کہ ان کے کلام کا مجموعہ شائع ہو جاتا تو ادب میں انھیں نمایاں مقام ملتا۔
شاطر حکیمی۔ ۔ ۔ ایک ترقی پسند شاعر
انجمن ترقی پسند مصنفین کا قیام ۱۹۳۵ء میں عمل میں آیا۔ اس تحریک کا مقصد ادب میں زندگی کی ترجمانی تھا اس لیے اس نے نئی نسل کے نوجوان لکھنے والوں کو فوری طور سے متاثر کیا۔ انھی میں کامٹی(ناگپور) کے شاطر حکیمی (۱۹۱۲ء)کا بھی شمار تھا جن کی شاعری کا آغاز ترقی پسند تحریک کی اٹھان کے زمانے میں ہوا تھا۔ نوجوان تھے، تازہ دم تھے لہٰذا انھوں نے اپنی نظموں اور غزلوں میں مسائل حیات کی ترجمانی اس انداز سے کی کہ اچھے ترقی پسند شاعروں کی فہرست میں ان کا شمار ہونے لگا۔ انھوں نے تیرہ سال کے قلیل عرصے میں اس تحریک سے متاثر ہو کر جو شاعری کی ہے اس کا مجموعہ موت و حیات کے عنوان سے ۱۹۴۴ء میں مطبع ابراہیمہ حیدرآباد سے سی پی اردو اکادمی، ناگپور کے زیر اہتمام شائع ہوا ہے۔ اس میں ۶۴ غزلیں اور ۵۳ نظمیں شامل ہیں۔ کتاب میں سید محی الدین قادری زور کا جو پیش لفظ ہے اس میں انھوں نے شاعر حکیمی کو ایک اچھا ترقی پسند شاعر تسلیم کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں :
’’شاطر حکیمی کا کلام تابناک مستقبل کا آئینہ دار ہے۔ وہ نہ صرف ایک اچھے شاعر ہیں بلکہ زمانہ کے رجحانات سے پوری طرح واقف بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے کلام میں رنگارنگی اور زندگی پائی جاتی ہے۔ ان کی شاعری صحیح معنوں میں شاعری ہے۔ تکلف اور آورد کی انھیں ضرورت ہی نہیں ہے۔ انھوں نے اپنی نظموں کے عنوان بھی بہت دلچسپ اور بے تکلف مقرر کئے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کا یہ مجموعہ جدید اردو جدید شاعری کی دنیا میں اپنی ایک جگہ پیدا کر لے گا۔
کچھ عرصہ سے اردو میں ترقی پسند شاعری اور ادب کا چرچا ہے اور بعض ترقی پسند شاعروں اور ادیبوں نے اپنے کلام اور مضامین میں عریانیت سے بہت زیادہ کام لیا ہے اس لئے ترقی پسند ادب اور شاعری کچھ بدنام سے ہو گئے ہیں۔ لیکن شاطر حکیمی کا زیر نظر مجموعہ اس غلط فہمی اور بدنامی کو بھی دور کرنے کا باعث ہو گا۔ کیوں کہ اس میں ترقی پسند شاعری کے بہت اچھے نمونے پیش کئے گئے ہیں۔ ‘‘
موت و حیات کی نظمیں شاہد ہیں کہ شاطر حکیمی نے مناظر قدرت و فطرت کا مطالعہ بہت قریب سے کیا ہے۔ انھوں نے سماج کو نزدیک سے دیکھا ہے اور وہ اپنے دور کے حالات سے بھی بے خبر نہیں گزرے ہیں۔ انھیں مشاہدات و تجربات نے جو کچھ دیا انھوں نے اپنا تخلیقی سفر اسی کی روشنی میں طے کیا۔ یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ ان کے یہاں دل کو چھو لینے والا تاثر ملتا ہے۔ انھوں نے جن موضوعات پر نظمیں کہی ہیں ان میں سے بعض تو قاری کو عنوان ہی سے چونکا دیتی ہیں۔ مثلاً بیسوا، لاش، عورت، مزدور کی موت اور اپاہج وغیرہ۔ یہ نظمیں سماجی نوعیت کی ہیں۔ ان میں ان کا گہرا مشاہدہ نظر آتا ہے۔ تاثر، روانی، برجستگی اور شگفتگی کے لحاظ سے یہ نظمیں بڑی طمانیت بخش ہیں۔ یہ ترقی پسندی کے تقاضوں کے عین مطابق ہیں۔ یہاں نظم بیسوا کے چند اشعار قلمبند کئے جاتے ہیں۔ بیسوا یا طوائف کا تعلق بھی ہمارے سماج سے ہے۔ اس پر کئی شعرا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ترقی پسند ادیبوں اور شاعروں کا یہ پسندیدہ موضوع رہا ہے۔ شاطر حکیمی تمہیدی اشعار کے بعد اصل موضوع کی طرف یوں آتے ہیں :
میں وہاں پہنچا جہاں ہنستے ہیں راتوں کو گناہ
جس جگہ جاتے ہوئے ڈرتی ہے زاہد کی نگاہ
جس جگہ انساں لٹا دیتا ہے اپنی کائنات
جس جگہ آ کر بدل جاتا ہے عنوان حیات
ایک عورت گا رہی ہے سن رہے ہیں نوجواں
بانسری کی لے، طبل کی تھاپ، سارنگی کی تاں
اف یہ غالیچے، یہ صوفے، یہ نمائش، یہ مکاں
جیسے ساون کی بہاریں گلستاں در گلستاں
اور اس کا اختتام اس المیہ پر کرتے ہیں :
اہل خانہ کے لئے جب عیش خانہ ہو حرام
بیسواؤں کا نہ مٹنے پائے گا دنیا سے نام
’’مزدور کی زندگی‘‘ میں انھوں نے حقائق کی جو تصویر کشی کی ہے وہ دلکش اور پر تاثیر ہے۔ شدید گرمی کی منظر کشی کرنے کے بعد وہ مزدور کی زندگی کی تصویر اس طرح کھینچتے ہیں :
ہائے وہ مزدور جس کے پائے ہمت پر نثار
سنگدل سرمایہ داری کا سر نا پائیدار
جس کے بل بوتے پہ اتراتی ہے لیلائے زمیں
جس کی ہیبت سے لرز جاتا ہے چرخ عنبریں
ڈوبتی نبضوں میں دوڑاتا ہے جو خون حیات
جس کے دم سے جگمگا اٹھتی ہے بزم کائنات
ہو نہیں سکتا کہ وہ آرام لے دن کو کبھی
کفر ہے مذہب میں اس کے کاہلی کی زندگی
زندگی کیا موت سے ڈرتا نہیں مرد حزیں
پھر بھی اس دنیا میں کوئی پوچھنے والا نہیں
آج بھی ہے اس بلا کی دھوپ میں مصروف کار
گو محل عیش میں بدست ہیں سرمایہ دار
کیا کھڑا تکتا ہے صورت عہد حاضر کے جواں
ہاں مٹا دے دشمن انصاف کا نام و نشاں
اس نظم میں جو باغیانہ تیور اور مردانہ لہجہ وہ سرمایے داروں کے خلاف جذبے کو ابھارتا ہے اور ان کی سنگدلی اور بے رحمی کو کچل کر ایک ایسا سماج تشکیل دینے کی ترغیب دیتا ہے جس میں سب کو سکون سے زندگی گزارنے کا موقع مل سکے۔ نظم مسافر میں بھی بے رحم اور ظالم سماج کے خلاف یہ صدائے احتجاج ملتی ہے:
بھوک سے بچے غریبوں کے نڈھال
پیشوائے دیں اڑائیں شیر مال
کیوں نہ ایسی قوم کو آئے زوال
بس ہجوم یاس جی گھبرا گیا
راہ نا معلوم، مرکب بے لگام
دل شکن سوسائٹی اندھا نظام
کوئی ہے، لے ظالموں سے انتقام
بس ہجوم یاس جی گھبرا گیا
صاحب زر اور یہ غارت گری
آدمی کا خون چوسے آدمی
منصفی دنیا سے رخصت ہو گئی
بس ہجوم یاس جی گھبرا گیا
ہلال عید، طوفان آ رہا ہے، نوجوان کسان، بیوہ کا بچہ زندگی کے دوراہے پر وغیرہ میں بھی انھوں نے مظلوم انسانوں کی بے بسی، لاچاری اور مجبوری کی عکاسی پر درد لہجے میں کی۔
ترقی پسند شاعروں نے اس دور میں ہندوستانیوں میں قومی بیداری پیدا کرنے کا فریضہ بھی انجام دیا ہے۔ اس اعتبار سے شاطر حکیمی نے بھی چند قومی و انقلابی نظمیں کہی ہیں جو پر جوش اور پر تاثیر ہیں۔ انھوں نے ہندوستان کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا دیکھا تھا۔ تحریک آزادی کا ہنگامی دور ان کے سامنے تھا۔ چنانچہ ایک باخبر شاعر کی طرح وہ بھی اس تحریک میں اپنی قلم کے سہارے شریک ہوئے اور وطن عزیز کو غلامی سے نجات دلانے کے لئے اپنی نظموں سے لوگوں کے جوش و جذبات کو ابھارنے کی کوشش کی۔ وطن، ہندوستان، آثار، ہندوستانی لیڈر، عالم نو کا مجاہد، اے دوست نوائے وقت، باغی، نعرۂ انقلاب اور بیزاری ان کی بڑی جذباتی نظمیں ہیں۔ یہ دلوں کو گرماتی ہیں۔ خوابیدہ جذبات کو بیدار کرتی ہیں۔ تحریک آزادی سے وابستہ کرتی ہیں اور اتحاد و اتفاق کا درس بھی دیتی ہیں۔ مثلاً وہ اپنی نظم وطن میں اس کی خوبیاں بیان کرنے کے بعد یہ کہتے ہیں :
اے وطن سب کچھ ہے تجھ میں روح آزادی نہیں
کھا رہا ہے تیرے بچوں کو غلامی کا یقیں
ہو رہی ہیں مسلم و ہندو میں خانہ جنگیاں
گر پڑا بھارت کے ہاتھوں سے اخوت کا نشاں
اور غلام ہندوستان کی تصویر اس طرح پیش کرتے ہیں :
ظلم و ستم سے کام لیا جا رہا ہے آج
انصاف کو تباہ کیا جا رہا ہے آج
ہر ملک کو فروغ دیا جا رہا ہے آج
آزاد اگر نہیں ہے تو ہندوستاں نہیں
ہر چند آ رہا ہے زمانے میں انقلاب
لیکن زبان حال سے کہتا ہے آفتاب
نسلی غلام دیکھ رہے ہیں ہنوز خواب
آزاد اگر نہیں ہے تو ہندوستاں نہیں
یہیں سے وہ انقلاب کی شاہراہ پر آتے ہیں اور اس ملک کے لوگوں کو یہ پیغام دیتے ہیں :
دنیا تلی ہوئی ہے بغاوت پہ آج کل
کیا دیکھتا ہے تیغ اٹھا تیوری بدل
میدان کارزار میں کہتا ہوا نکل
آزاد اگر نہیں ہے تو ہندوستاں نہیں
تیرہ بند پر مشتمل یہ نظم جذبات کے اسی بہاؤ میں ہے۔ یہی فکر و خیال ان کی دیگر انقلابی و قومی نظموں پربھی حاوی ہے۔ چند مثالیں :
امیر عقل سے عاری، غریب غفلت کوش
نہ ان کو اپنی خبر ہے، نہ ان کو اپنا ہوش
رگوں میں خون ہے جولاں ، نہ دل میں جوش و خروش
گزر رہی ہے بہرحال زندگی خاموش
مرا وطن کبھی آزاد ہو نہیں سکتا
کھنڈر یہ وہ ہے جو آباد ہو نہیں سکتا
(آثار)
توڑ غلامی کی زنجیریں زور شجاعت دکھلا دے
ٹیپو کے جوہر ہیں تجھ میں سرد فضائیں گرما دے
تو بھی اٹھ ارجن کی طرح اور ہند کی قسمت چمکا دے
شیوہ ہے فرزند وطن کا نام وطن پر مر جانا
(نوائے وقت)
شاطر حکیمی نے اپنی نظموں میں اور بھی کئی موضوعات کا احاطہ کیا ہے۔ جس کا اندازہ عنوانات سے لگایا جا سکتا ہے۔ ان کی نظم تخلیق عالم اور انسان اعظم حمد و نعت ہے۔ خلش ناتمام، پیکر جمیل، جوانی اور محبت اور شدت انتظار رومانی اور عشقیہ خیالات و جذبات پر محتوی ہے۔ کوئل، اضطراب حسن، ساون اور دعوت برشگال کا تعلق مناظر قدرت اور مناظر فطرت سے ہے اور مرزا غالب، گرو نانک، ٹیگور، اقبال میں انھوں نے ان عظیم المرتبت شخصیتوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
یہ تمام نظمیں سچی ، کھری اور حقائق سے مملو ہیں۔ یہ ان کو ایک اچھا ترقی پسند شاعر ثابت کرتی ہیں۔ شاطر حکیمی کی اس دور کی غزلیں بھی جدید خیالات و رجحانات کی غماز ہیں۔ ان کی غزلوں میں روح عصر جلوہ گر ہے۔ عصری حسیت کا غلبہ ہے۔ ان میں بھی وہ حقائق سے آگاہ کرتے ہیں اور سچائی کی تصویر دکھاتے ہیں۔ بعض غزلیں تو ایسی ہیں جو پورے طور سے حالات کے تقاضے میں ڈھلی ہوئی ہیں یا ایک ہی عنوان کے تحت ضبط تحریر میں آئی ہیں۔ دو مثالیں دیکھئے:
پلٹ کے دور زماں صبح و شام پیدا کر
نئے طریق سے دنیا میں نام پیدا کر
ترا مذاق اڑاتے ہیں دیکھنے والے
اگر نظام غلط ہو نظام پیدا کر
سکون موت کی تمہید ہے زمانے میں
لہو میں حرکت و سوز دوام پیدا کر
نسیم صبح کے مانند مسکراتا چل
گلوں کی طرح زمانے میں نام پیدا کر
خدا کے نام پہ دنیا کو لوٹنے والے
خودی کا دل میں ذرا اہتمام پیدا کر
عدو بھی ناز اٹھائے وہ کام کر شاطر
زمانہ سر کو جھکا دے وہ نام پیدا کر
زمانہ کر رہا ہے اپنی آزادی کی تدبیریں
ہزار افسوس ان پر جو لئے بیٹھے ہیں تقدیریں
کچھ ایسا ہی رویہ آج کل ہے ہم غلاموں کا
سر دیوار آویزاں ہوں کچھ خاموش تصویریں
بہم جنگ و جدل کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا
کہاں تک اشتعال انگیز و طعن آمیز تقریریں
تساہل کا یہی عالم رہا ہندوستاں والو
گلے کا ہار بن جائینگی دست و پا کی زنجیریں
حقیقت آئینہ ہو کر رہے گی چھپ نہیں سکتی
زمانہ لاکھ دہراتا رہے باطل کی تفسیریں
غلامی کا سر ناپاک کچلا جائیگا شاطر
ہمارے ہاتھ ہوں گے اور آزادی کی شمشیریں
اس دور میں شاطر حکیمی کا لب و لہجہ یہی تھا۔ وہ اسی کیفیت میں شعر کہتے تھے لیکن تقسیم وطن کے بعد جب ناگپور اور کامٹی کا شاعرانہ ماحول درہم برہم ہوا۔ متعدد ترقی پسند شاعروں اور ادیبوں نے پاکستان کی راہ لی تو اس علاقے میں اس نغمے کی لے مدھم ہو گئی۔ بعد کو رفتہ رفتہ یہ حال ہوا کہ ترقی پسند خیالات کے حامی فنکار بھی روایتی شاعری کی آغوش میں آ گئے۔ شاطر حکیمی نے بھی روایت کی طرف پیش قدمی کی اور زندگی بھر اسی انداز کے شعر کہتے رہے۔ اس طرح ان کاشعر ی سفر ترقی پسندی و جدت پسندی سے شروع ہو کر روایتی شاعری پر تمام ہوا۔ یہ ان کی ادبی زندگی کا ایک ایسا حادثہ ہے جو یہ سوال قائم کر دیتا ہے کہ اس قدر روشن خیال رکھنے والا شاعر عشق و محبت کے دام میں اسیر ہو کراس نے گل و بلبل کو اپنا موضوع سخن کیوں بنایا۔
یونس قنوجی کا شعلۂ احساس
ملک کی تقسیم کے ساتھ سرحد کے دونوں طرف تعصب و نفرت کی حکمرانی ہوئی۔ آگ اور خون کا اس قدر بھیانک ڈرامہ کھیلا گیا کہ اس سے تاریخ انسانیت اب تک داغدار ہے۔ آزادی کی صبح مسکراتے ہی نئے نئے مسائل پیدا ہونے لگے۔ اقلیت خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگی۔ نئی نئی یوجنائیں بنیں ، لیکن غربت و افلاس کی شرح میں اضافہ ہوتا رہا۔ بیکاری و بیزاری کو فروغ ملتا رہا۔ بیشتر تعلیم یافتہ اپنی اسناد کو دیکھ کر روتے رہے۔ رہنمایان وطن وعدے کر کے مکرتے رہے۔ مذہبی جنون بڑھا تو فرقہ وارانہ فسادات کا لامتناہی سلسلہ شروع ہوا جس میں اس ملک کا سیکولر نظام جل کر راکھ ہو گیا۔ دستور میں دئے گئے حقوق پامال ہوتے رہے۔ صدائے احتجاج بلند ہوئی تو سیاست دانوں نے اپنے کانوں میں انگلیاں ٹھونس لیں۔ یونس کا اسی پس منظر میں شعلۂ جوالہ بنا اور انھوں نے اپنے مشاہدات و تجربات کی ساری تلخیوں کو نظموں کے قالب میں ڈھال دیا۔
ان کی شاعری کا آغاز ۱۹۵۵ء کے آس پاس ہوتا ہے۔ تشنگی، آرائش، جوتم نہیں ، ترک تعلقات کے بعد، اے غم یار، تم اور تجدید کرم کے مطالعہ سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ ان نظموں کی تخلیق رومانی فضا میں ہوئی ہے۔ ان میں انھوں نے جو پیکر تراشے ہیں اس کے انگ انگ سے حسن و جوانی ٹپکتی ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کا دل شباب و عشق کے سرمدی نغموں سے سرشار ہے۔ اس دعوے کا ثبوت دیکھئے۔ بات اس سے زیادہ کچھ نہیں کہ کوئی خود کو آئینے کے روبرو سنوارا ہے۔ اپنی آرائش میں مصروف ہے لیکن اس منظر کی عکاسی جس ہنر مندی سے کی گئی ہے۔ اس کا ایک ایک مصرع دل کو متاثر کرتا ہے:
آئینہ سامنے ہے تزئین ہو رہی ہے
حافظ کی اک غزل پہ تضمین ہو رہی ہے
غالب کے استعارے تمثیل پا رہے ہیں
مومن کے شوخ اشارے تشکیل پا رہے ہیں
گلشن میں رنگ و بو کا سیلاب آ رہا ہے
بہزاد کا تخیل عنوان پا رہا ہے
پروان چڑھ رہی ہے فردوس کی جوانی
کوثر سے مل رہی تسنیم کی روانی
شہ مل رہی ہے یونس احساس بت گری کو
سجدے نثار کر دے ذوق نظر سے کہہ دو
یہ جذبہ و احساس، محاکات نگاری کا یہ دلکش انداز دوسری رومانی نظموں میں بھی ملتا ہے۔ یہ اس وقت ہی ممکن ہو سکتا ہے جب فطرت میں یہ لطافتیں موجود ہوں۔ یونس کی فطرت ریشم کی طرح نرم، زلفوں کے سائے میں سکون حاصل کرتی ہوئی نظر آتی ہے۔ ان کا محبوب ارضی ہے سماوی نہیں۔ وہ گوشت پوست کے اس پیکر کو پاکیزہ نگاہوں سے دیکھتے ہیں ، ملتے ہیں ، بات کرتے ہیں۔ شائستگی کا خیال رکھتے ہیں اور ترک تعلق کے بعد، اسے نرم لہجے میں یوں احساس دلاتے ہیں :
میں تو مجروح غم ترک تعلق ہوں مگر
تیرے پندار کے شیشے پہ بھی بال آیا ہے
میرے لب ہی نہیں احساس کی گرمی سے سیاہ
تیرے چہرے کو بھی اس آگ نے دہکایا ہے
میں ہی آشفتہ و پژمردہ نہیں ہوں کہ یہ غم
تیری زلفوں کی لٹوں کو بھی تو چھو آیا ہے
مجھ کو تسلیم ، مرا رنگ پہ قابو نہ رہا
تیرے ہونٹوں کے شفق پہ بھی وہ جادو نہ رہا
لیکن جب وہ حسن و عشق کے اس پر کیف ماحول سے باہر آتے ہیں تو بچوں ، جوانوں اور بیواؤں کی چیخ پکار سنتے ہیں۔ جلتی لاشیں ، سلگتے دریچے، اجڑتے سہاگ اور بلکتے یتیم دیکھتے ہیں۔ یہ مغموم فضا ان کے ضمیر کو جھنجھوڑتی ہے۔ انھیں احساس دلاتی ہے۔ چنانچہ وہ رومانی دنیا سے یہ کہتے ہوئے اپنا منھ موڑ لیتے ہیں :
غم حیات کی راہیں پکارتی ہیں مجھے
تمہاری زلف کا سایہ نہیں ہے میرا مقام
جھنجھوڑتا ہے مجھے میرے فرض کا احساس
اصول عشق و روایات عاشقی کو سلام
(گریز)
یہی وہ نقطہ ہے جہاں سے ان کی فکر غم دوراں کی امین ہوتی ہے۔ وہ سماج کے درد و کرب کو محسوس کرتے ہیں۔ کثیف سیاست کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں اور خلوص و محبت، اخوت و رواداری کا پیغام سناتے ہیں۔ دراصل یہ ان کی حب الوطنی کے نتائج ہیں۔ انھیں اپنے ملک سے اس قدر محبت ہے کہ وہ اس کے ذرے ذرے کی حفاظت کے لیے اپنے قلم کی روانی، دماغ کی کاوش، مزاج کی گرمی، نگاہ کی جرأت، لبوں کے تبسم اور جبیں کی شکن کو اس کی فضا پر نثار کرنے کے لیے آمادہ نظر آتے ہیں۔ وہ اپنے مذاق و جستجو، خلوص و آگہی، تحریک و بیتابی، ارمان و سکون اور خمار و سرخوشی کو قربان کرنے کے لیے بے چین دکھائی دیتے ہیں ان کے اس جذبے میں کس قدر اپنائیت ہے، وہ دیکھئے:
مرے وطن، مرے پیار وطن، عظیم وطن
مرے خیال کی جنت، مری نظر کے چمن
ترے ہی شوخ عناصر سے ہے خمیر مرا
ہے وقف تیرے لیے لحن دل پذیر مرا
مری دعا کا تقدس، طلب کا حسن بیان
مری امنگ، مرا حوصلہ، مرے ارماں
تری فضا پہ تصدق، تری زمیں پہ نثار
ترے قدم پہ نچھاور ، تری جبیں پہ نثار
یہ اسی خلوص و محبت کا ثمر ہے کہ وہ اس کی زمیں کو اقتدار پرستی، مفاد پرستی، خود غرضی، فاقہ مستی، حرص و ہوس، بغض و عناد، تعصب و نفرت، غرور و نفاق اور جہالت و بربریت جیسے کثیف عناصر سے پاک کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ اس کے خلاف جہاد کرتے ہیں۔ تاکہ فتنہ و فساد سے بھرپور یہ سرزمین امن و شانتی کو گہوارہ بن سکے۔ اس کی روش روش جگمگانے لگ جائے:
ہوس گزیدہ تدبر، غرض زدہ افکار
دماغ جہل و غرور و نفاق سے بیمار
یہ ہونکتا ہوا طوفان فاقہ مستی کا
یہ زہر پاش تبسم دراز دستی کا
یہ اقتدار پرستی کا شوق فتنہ طراز
یہ مجرمانہ تگ و تاز، سازشی انداز
میں ان کثیف عناصر سے کر رہا ہوں جہاد
کہا کرے کوئی سعی عمل کو میرے فساد
روش روش کو تری کہکشاں بنانا ہے
تری زمیں کو مجھے آسماں بنانا ہے
اس جہاد میں ان کا قلم سب سے پہلے ’’ مفاد پرستی کے خلاف‘‘ اٹھتا ہے۔ جس نے اس ملک کی پرسکون فضا کو آتش کدۂ جہنم میں تبدیل کیا۔ ان کے نزدیک پاسبان چمن ہی چمن کے حسن کے سوداگر اور میر کارواں ہی اصل رہزن ہیں۔ اس لیے وہ پراعتماد لہجے میں کہتے ہیں :
وہ لوگ جو تھے امین کلید استحکام
وہ انتشار و پراگندگی کے مجرم ہیں
حلف لیا تھا جنہوں نے خلوص و خدمت کا
وہ خود فروشی و تن پروری کے مجرم ہیں
اس سچائی کے پیش نظر وہ عوام کے بیچ یہ نعرہ لگاتے ہیں :
ہمیں مفاد پرستی کا سر کچلنا ہے
وہ کہتے ہیں کہ حصول آزادی کے بعد اس ملک کے ارباب سیاست نے یہ اعلان کیا تھا کہ جمہوریت کا سورج طلوع ہوتے ہی اس سرزمین سے ادبار کے بادل چھٹ جائیں گے۔ عیش و عشرت کا ماہ تاباں طلوع ہو گا۔ معاشی خوش حالی کا دور آئے گا۔ ہر گھر میں چراغاں ہو گا۔ ماحول کی ہر چیز بکھر جائے گی۔ قدیم تاریخ کے اوراق پلٹ جائیں گے۔ ظلمت درد کی تنظیم بکھر جائے گی۔ فریاد و فغاں کے بدلے خستہ حالوں کے لبوں پر ترنم ہو گا۔
زرد چہروں پر فراغت کا لہو گردش کرے گا۔ گلستان آرزو میں بہار آئے گی۔ افسردہ امنگوں پر شباب ہو گا۔ امن و امان کی فضا پورے ملک پر چھا جائے گی اور عدل و انصاف کا دور دورہ ہو گا۔ لیکن یہ اعلان محض سراب تھا، حقیقی نہ تھا۔ آزادی ملنے کو ایک عرصہ گزر چکا مگر عالم انسان کی زندگی غم فردا کا شکار ہے۔ آج تک علم کے سینے سے لہو اہل رہا ہے۔ سچائی کی زبان کو مکر و فریب سے کاٹا جا رہا ہے جھونپڑے قحط و وبا کی زد میں ہیں۔ مثبت فکر و نظر مقید ہے۔ ہونٹ فریاد و فغاں کی گرمی سے جھلس رہے ہیں۔ عزت و عصمت بازار میں نیلام ہو رہی ہے، مزدور کا سینہ رنج و غم سے چھلنی ہے اور سرمایہ داروں کے گھروں میں جشن چراغاں ہے۔ یونس ان دردناک مناظر کو دیکھ کر تڑپ جاتے ہیں اور آزاد جمہور کا جشن منانے والوں سے اپنی طویل نظم مصور اور تصویر میں یوں مخاطب ہوتے ہیں :
جشن آزادی جمہور منانے والو
ہم کو پیغام مساوات سنانے والو
قمقمے محفل عشرت میں جلانے والو
بند طغیانی گنگا پہ بنانے والو
جھونپڑوں میں بھی کوئی دیپ جلایا ہوتا
آنسوؤں پر بھی کوئی بند بنایا ہوتا
وہ سماج کا مطالعہ بڑی باریکی سے کرتے ہیں۔ اس میں سانس لینے والوں کے درد و کرب کو شدت سے محسوس کرتے ہیں۔ اس میں پھیلی ہوئی اخلاقی برائیوں کا گہرائی سے جائزہ لیے ہیں اور ان کو اپنی نظموں میں بڑی فنکاری سے پیش کرتے ہیں۔ مثلاً ایک بھکارن کو فٹ پاتھ پہ بیٹھے ہر کوئی دیکھتا ہے اور اس کی غربت و افلاس کا اثر لیے بغیر گزر جاتا ہے۔ تھم کر سوچتا نہیں کہ اسے اس حال تک پہنچانے میں کس کا قصور ہے۔ جب اسے یونس نے دیکھا تو ان کے احساسات کے تار جھن جھنا گئے اور اس کے حوالے سے سماج میں پرورش پانے والی اخلاقی برائیوں کے متعلق کئی سوالات قائم کر دیئے۔ انھوں نے ان سوالات کو بنیاد بنا کر ان عیار اور بے رحم لوگوں کو نمایاں کیا جنہوں نے اپنے سفاک اور ظالم چہروں کو شرافت و سنجیدگی اور تہذیب جدید کی چادر سے چھپا رکھا ہے۔ ان حقائق کو پیش کرنے سے پہلے وہ بھکارن کی تصویر اس طرح کھینچتے ہیں :
یہ بھکارن جسے حالات کا بے رحم بہاؤ
گھر کے ماحول سے فٹ پاتھ پہ لے آیا ہے
یہ بھی تو بتکدۂ زیست کی اک مورت ہے
اس کو بھی تیشۂ قدرت نے تراشا ہو گا
اور مشاطۂ فطرت نے سجایا ہو گا
اس کو بھی قابل تکریم امانت کی طرح
دست قدرت نے کسی گود کو بخشا ہو گا
یہ بھی تو پیار کی آغوش میں جھولی ہو گی
پھول بن کر کسی انگنائی میں پھولی ہو گی
اس کو بھی قادر مطلق نے دیا ہو گا شباب
لب و رخسار پہ اس کے بھی کھلے ہوں گے گلاب
اس کے لہجے میں بھی نغموں کی روانی ہو گی
ایک اک انگ میں بھرپور جوانی ہو گی
اس تصویر کشی کے بعد وہ بھکارن کی زبان سے حکمت، فلسفہ، مذہب، تقدیر، شر اور خیر کے متعلق سوالات قائم کر کے ان کا مفہوم پوچھتے ہیں۔ خدمت خلق، رحم، عدل، مساوات، اخلاق اور اخلاص کے متعلق سوالات قائم کر کے ان کی تشریح چاہتے ہیں۔ پھر یہ کہلواتے ہیں :
یہ کتابیں جنہیں تم کہتے ہو دستور حیات
ان کتابوں میں مری بھوک کا مذکور بھی ہے
ان کتابوں میں علاج دل رنجور بھی ہے
سر میں زر داروں کے سودائے خدائی کب تک
اور میرے لیے کشکول گدائی کب تک
لوگ دریوزہ گری کو تر برا کہتے ہیں
بھیک منگوائے جو ماحول سے کیا کہتے ہیں
اور آخر میں جذبات کا لاوا اس طرح پھٹتا ہے:
بھیک دیتے ہو زمانے کو دکھانے کے لیے
پاپ کے بوجھ کا احساس گھٹانے کے لیے
اپنے مکروہ عقائد کو چھپانے کے لیے
میرے جذبات کی ناگن کو سلانے کے لیے
میری آہوں سے تو کترا کے گزر جاؤ گے
وقت یلغار کرے گا تو کدھر جاؤ گے
یوں دوغلے سماج کا چہرہ بے نقاب ہوتا ہے۔ یہ نظم حقیقت سے بھرپور اور معاشی بدحالی کی مکمل عکاس ہے۔ اسی طرح نظم طوائف میں بھی انھوں نے عہد حاضر کے معاشرے کی خرابیوں کو بہت خوبصورتی سے اجاگر کیا ہے۔ اس کے مطالعہ کے بعد اس سچائی کو مان لینا پڑتا ہے کہ آج ذاتی فائدے کے لیے سماج کے بیشتر افراد اپنی فکر و نظر، حکمت و فن، عقل و تدبر اور خودی و تقدس کو بیچ رہے ہیں۔ اس تناظر میں طوائف جھلا کر یہ کہہ دیتی ہے:
ہے اگر ان کی تجارت ترے مسلک میں روا
بیسوا تو ہے کہ میں ، ننگ جہاں میں ہوں کہ تو
یونس کو جب نیزے کی نوک پر بے گناہ کا سر، مکان سے اٹھتا ہوا دھواں ، عبادت گاہ پر خون کا چھینٹا نظر آتا ہے اور تعصب و نفرت کا نعرہ سنائی دیتا ہے تو وہ بے چین ہو جاتے ہیں اور بہت ہی مغموم لہجے میں لوگوں سے یہ درخواست کرتے ہیں :
جس دیش میں گوتم، چشتی اور نانک نے سجائی ہو جنت
وہ دیش بنے اب لاشوں کا بازار عجب سا لگتا ہے
وہ دیش جہاں دھرم اور مذہب، گنگا جمنا کے دھارے ہوں
برہم ہے وہاں تسبیح سے اب زنار عجب سا لگتا ہے
تلسی کا وطن، رسکھان کا گھر، غالب کی زمیں گاندھی کا چمن
ہو فرقہ پرستی کے ہاتھوں مسمار، عجب سا لگتا ہے
یہ بستی کیا ہے شیشے کا اک رنگ محل ہے اے لوگو
اس رنگ محل میں پتھریلے کھیلوں سے خدارا دور رہو
(تشدد، فرقہ پرستی اور ہندوستان)
ان کی ایک نظم کا عنوان ہے ’’جمہور کے نام‘‘۔ اس نظم میں انھوں نے ارباب سیاست کی مکاری اقلیت کی بے بسی، تفریق معیشت کی کارفرمائی، رشوت کی گرم بازاری، ذخیرہ اندوزی اور چور بازاری کی عکاسی جس انداز سے کی ہے اس سے عہد حاضر کے سماج کا ایک ایسا منظر نگاہوں کے سامنے آتا جو قاری یا سامع کو صدائے احتجاج بلند کرنے پر آمادہ کرتا ہے۔ یہ چند بند دیکھئے:
کس قدر خوش مذاق ہے یونس
ہم نے سونپا ہے اقتدار جنہیں
ہم نے بخشا ہے افتخار جنہیں
کہہ رہے ہیں فقط ہمیں پوجو
ورنہ جمہوریت کو خطرہ ہے
اقلیت کیا ہے لفظ بے معنی
اس کی ہر بات میں شرارت ہے
اکثریت نشان قوت ہے
اکثریت کو ہی خدا سمجھو
ورنہ جمہوریت کو خطرہ ہے
جھونپڑے سوگوار ہیں تو رہیں
کوٹھیوں میں تو جشن برپا ہے
کوٹھیوں میں تو ہن برستا ہے
کوٹھیوں کو خراج دیتے رہو
ورنہ جمہوریت کو خطرہ ہے
سماج کے ان حالات کے پیش نظر وہ لوگوں کو اکساتے ہیں۔ اور یوں ایک نیا انقلاب لانے کی دعوت عام دیتے ہیں :
ابھی دماغ پہ حاوی ہے جہل کا عفریت
ابھی شعور پہ اوہام کی حکومت ہے
ابھی اسیر مقدر ہے، عزم انسانی
خدا کے گھر ابھی اصنام کی حکومت ہے
خلوص ہے ابھی الفاظ کے جھمیلے میں
ابھی عمل میں ہے سرگرم کار روح نفاق
ابھی غرض کے پجاری، ابھی ہوس کے غلام
اڑا رہے ہیں رہ و رسم رہبری کا مذاق
اٹھو کہ ایک نیا انقلاب لانا ہے
بڑھو کہ دہر سے نقشِ کہن مٹانا ہے
یونس جب ان اخلاقی برائیوں کا جائزہ مکافات عمل کی روشنی میں لیتے ہیں تو بڑے ہی اعتماد کے ساتھ یہ کہتے ہیں کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کسی حکمراں نے اپنی رعایا کے ساتھ ظالمانہ سلوک کیا ہے تو اس کی حکمرانی کا سورج گہنایا ہے۔ جب بھی دنیا کے کسی حصے میں عصمت فروشی، بدعہدی، ظلم و بربریت اور تعصب و نفرت کو فروغ ملا ہے تو اس حصے پر بلائے آسمانی کا نزول ہوا ہے۔ جب بھی فکر و نظر اوہام پرستی، اصنام پرستی اور حرص و ہوس کا شکار ہوئی ہے تو عذاب الٰہی نازل ہوا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ دولت کو امام تدبر بنانا، ایوان، حکومت میں اپنے اور بیگانے کی تفریق پر عمل کرنا، جارحیت کی تمازت سے سیاست کی فضا کا بوجھل ہونا، مظلوموں کی فریاد کا مذاق اڑانا۔ ظالم کو وطن دوست تسلیم کرنا، معصوم امنگوں کے خلاف سازش کرنا، کو ر نگاہی کو ہنر کہنا اور مہتاب حق و صداقت کا گہنا جانا۔ یہ سب دراصل مکافات عمل کی تکرار کے اسباب ہیں۔ جس مقام پر یہ برائیاں عام ہو جاتی ہیں ، وہاں تباہی و بربادی کا لاوا پھٹا ہے۔ زبردست بجلی چمکتی ہے۔ بادل گرجتا ہے۔ طوفان آتا ہے۔ آندھی چلتی ہے۔ زلزلہ آتا ہے۔ زمین پھٹتی ہے۔ بجھے ہوئے انگاروں میں جان پڑ جاتی اور شعلوں کو جلال آنے لگتا ہے۔ یہ آفات سماوی بستیوں کو تاراج،کھیتوں کو تباہ، مویشیوں کو ہلاک اور انسانوں کو برباد کر کے رکھ دیتے ہیں :
جب بھی مظلوم کی فریاد کا اڑتا ہے مذاق
جب بھی ظالم کو وطن دوست کہا جاتا ہے
جب بھی قانون کے پنجے میں لچک آتی ہے
جب بھی انصاف کو نیلام کیا جاتا ہے
آندھیاں اٹھتی ہیں ، شعلوں کو جلال آتا ہے
جان پڑ جاتی ہے بجھتے ہوئے انگاروں میں
در و دیوار پہ ہوتا ہے جہنم کا گماں
موت بے پردہ نکل آتی ہے بازاروں میں
نظم ’’شریک زندگی کے ایک خط کا جواب‘‘ میں سماج کی معاشی بدحالی پر تبصرہ کرنے کے بعد اس کا یہ انجام بتاتے ہیں :
غم میں نہ کر ایسے ہی ماحول ہوس میں مجبور
جبر سے تیغ بلا چھین لیا کرتے ہیں
اور خونخوار، سیہ کار نظام زر پر
آگ اور خون کا کفن ڈال دیا کرتے ہیں
یونس کی شاعری انھی حقائق سے بھرپور ہے۔ ان کے مجموعۂ کلام شعلۂ افکار اور زخم و احساس کی متعدد نظمیں انھی فکر و خیال کی آئینہ دار ہیں۔ ان میں انسانیت کا درد و کرب اور مظلوموں کی آہ ہے۔ حرکت و عمل اور انقلاب و حریت کا تلاطم ہے۔ اس اضطراب میں وہ قوت ہے جو جمود و تعطل کو حرکت و عمل سے بدل سکتی ہے۔
مطبوعہ:سہ ماہی ’’ادبی کارواں ‘‘جولائی تا ستمبر۲۰۰۴ء
شاہد کبیر کی پہچان
سائنسی علوم کی ترقی، مادیت کی برتری، روحانیت کو کچلنے کی سازش، معاشی بحران سے پیدا ہونے والے حالات اور جنسی بے راہ روی نے نئی شاعری کے لیے زمین ہموار کی۔ اس کو ۱۹۶۰ء کے بعد بیشتر جدید تعلیم یافتہ نوجوانوں نے اپنے خیال کے اظہار کا ذریعہ بنایا۔ پھر ہوا یہ کہ کچھ خبط الہواس، ناقص العقل اور بے مقصد زندگی گزارنے والے بھی اس صف میں در آئے۔ ان سب نے اپنی اپنی سوچ کے مطابق نئی شاعری کے نام سے اپنے تجربے، مطالعے اور مشاہدے کا رس ٹپکایا اور اس میں جھلاہٹ، جنجھلاہٹ، مایوسی اور بیزاری کی کڑواہٹ تھوکی، نتیجہ یہ نکلا کہ گزشتہ چار دہوں کے بیچ منتشر خیالات کا اس قدر ذخیرہ کتابی صورت میں سامنے آیا کہ بعض اچھے شاعروں کی فکر اس ہنگامے میں گم ہو گئی اور اب توانا پسند طبیعتوں کی تخلیق کردہ یہ نئی شاعری بھی چراغ سحری کی طرح آخری سانس لے رہی ہے۔ اسی نے مابعد جدیدیت کا سوال پیدا کیا ہے۔
شاہد کبیر اسی نئی شاعری کے اپنے قد و قامت کی طرح ایک قد آور شاعر تسلیم کئے گئے ہیں۔ ان کی شاعری کا پہلا مجموعہ مٹی کا مکان ۱۹۷۹ء میں منصہ شہود پر آیا تھا۔ اب پہچان شائع ہے(۱۹۹۹ء)۔ جس میں مٹی کے مکان میں موجود تمام کلام بھی شامل ہے۔ گویا پہچان میں ان کے خیال کی وہ ساری کسک ہے جسے وہ ۱۹۶۰ء کے بعد لگاتے رہے ہیں۔ وہ ساری کمائی ہے جواس پورے دور میں انھوں نے کی ہے۔
ان کی شاعری کا تجزیہ کرنے پر پتہ چلتا ہے کہ وہ ایک ایسے جدید یا نئے شاعر ہیں جو قدیم طرز و اسلوب کا نہ صرف احترام کرتے ہیں بلکہ اس سے استفادہ بھی کرتے ہیں۔ اگرچہ اپنی بات کہنے کے لیے بیشتر علامت کا سہارا لیتے ہیں لیکن اسلوب و لفظیات کے معاملے میں کلاسیکل طرز کو ہی محبوب جانتے ہیں۔ وہ میر تقی میر کی طرح سادہ، سہل اور آسان لفظوں میں شعر کہنے کے عادی ہیں۔ ان کا پورا کلام دیکھ لیجئے انھوں نے کہیں بھی لغت کا احسان نہیں اٹھایا ہے۔ یہاں اس کے ثبوت میں ان کی صرف ایک غزل نقل کی جاتی ہے:
دعا دو ہمیں بھی ٹھکانہ ملے
پرندو تمہیں آشیانہ ملے
طبیعت سے مجھ سے ملیں میرے دوست
مرے دوستوں سے زمانہ ملے
سمندر تری پیاس بجھتی رہے
بھٹکتی ندی کو ٹھکانہ ملے
ترستا ہوں ننھے سے لب کی طرح
تبسم کا کوئی بہانہ ملے
ملے اس طرح سب سے شاہد کبیر
کوئی دوست جیسے پرانا ملے
شاہد نے جو علامتیں استعمال کی ہیں ان میں ساحل، پانی، موج، دریا، ریت، سمندر، چہرہ، شہر، پتھر، سورج ، صحرا، دھوپ، دیوار اور گھر کو اہمیت حاصل ہے۔ انھوں نے ان علامتوں کو اپنے شعروں میں اس خوبی کے ساتھ برتا ہے کہ انھیں طاقت گویائی مل گئی ہے۔ ایک محاکاتی شعر ہے۔ کوئی شاہد کا نام ریتیلی زمین پر لکھ کر مٹا دیتا ہے لیکن وہ یقین کی اس منزل پہ ہیں :
میں جنبش انگشت میں محفوظ رہوں گا
ہر چند مجھے ریت پہ تو لکھ کے مٹا دے
ممکن ہے اس شعر کو ہوس پسند کچھ اور مفہوم دیں لیکن یہ سورج کی علامت سے اس قدر جامع ہو گیا ہے کہ محاکاتی شاعری کا اعلا نمونہ بن گیا ہے:
کچھ تو ہو رات کی سرحد میں اترنے کی سزا
گرم سورج کو سمندر میں ڈبویا جائے
عصر حاضر میں انسان کی زندگی کا جو حال ہے۔ کیا اس سے بہتر اس کی تمثیل ہو سکتی ہے:
جو رنگ بھر دو، اسی رنگ میں نظر آئے
یہ زندگی نہ ہوئی، کانچ کا گلاس ہوا
شاہد زندگی سے بیزار جدید یے نہیں ہیں۔ اپنا دامن چاک کر کے سڑکوں پر گھومنا انھیں گوارا نہیں۔ بلکہ کوئی بھی حالت ہو اپنے گھر سے رشتہ استوار رکھتے ہیں۔ یہ ان کے تہذیب نفس کی دین ہے کہ انھوں نے اس پر انتشار دور میں بھی اس کا پورا خیال رکھا ہے۔ وہ دن کے ہنگاموں میں جی بھرکے بھٹکتے رہنے کے باوجود بھی رات ہوتے ہی گھر لوٹنے کی سوچتے ہیں :
دن کے ہنگاموں میں جی بھرکے بھٹک لو شاہد
رات ہوتے ہی تمہیں لوٹ کے گھر جانا ہے
یہ نتیجہ ہے ایک ایسی سوچ کا جو ایک شریف النفس انسان کے ضمیر سے تعلق رکھتی ہے۔ جو اپنے خاندان کوہی دوسروں پر فوقیت دیتا ہے:
باندھ رکھا ہے کسی سوچ نے گھر سے ہم کو
ورنہ اپنا درو دیوار سے رشتہ کیا ہے
جو دن بھر شہر ہوس میں رہنے کے باوجود، رات کے وقت اپنے گھر کا خیال کرنے لگتا ہے:
شہر ہوس میں دن کا ڈوبا سورج ہوں میں
رات ہوتے ہی اپنے گھر میں نکل آؤں گا
شاہد کے یہاں اس قسم کی علامتیں معنی خیز ہیں۔ وہ ان کی مدد سے جو خیالات پیش کرتے ہیں ان میں گہرائی و گیرائی ہوتی ہے۔ وہ قاری کو سوچنے پر مجبور کرتے ہیں۔ یہاں اس قبیل کے چند شعر اور نقل کیے جاتے ہیں :
بنے گا عکس جو پانی میں ، ٹوٹ جائے گا
اس آئینے کو بہت ہی سنبھال کر رکھنا
خوف سورج کی تمازت کا، نہ سائے کا ملال
کانچ کا گھر ہے مرا، دھوپ، نہ چھاؤں والا
اندر کا سکوت کہہ رہا ہے
مٹی کا مکان بہہ رہا ہے
اس سے ساحل پہ تڑپنا مرا دیکھا نہ گیا
موج اک کر گئی طوفاں کے حوالے مجھ کو
سروں کو ریت کے اندر چھپائے بیٹھے ہیں
ہے سب کو خوف یہاں اپنی اپنی جانوں کا
ابھی کہا گیا ہے کہ شاہد کو تہذیب نفس اور شرافت بے انتہا عزیز ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب وہ اسے تار تار دیکھتے ہیں تو ان کی آنکھیں بے انتہا غصے سے سرخ ہو جاتی ہیں اور ان کا غصہ ان کی آنکھوں سے لہو بن کر اس طرح ٹپکتا ہے:
آج ہم بچھڑے تو پھر کتنے رنگیلے ہو گئے
میری آنکھیں سرخ تیرے ہاتھ پیلے ہو گئے
اب تری یادوں کے نشتر بھی ہوئے جاتے ہیں کند
ہم کو کتنے روز اپنے زخم چھیلے ہو گئے
اب کوئی امید ہے شاہد نہ کوئی آرزو
آسرے ٹوٹے تو جینے کے وسیلے ہو گئے
زبردست حادثے کے بعد بھی یہ عزم شاہد کی زندہ دلی کی علامت ہے۔ آخر تقدیر بھی تو کوئی چیز ہے۔ اسی لیے تو وہ اپنے ساتھی کو یہ مشورہ دیتے ہیں :
عجب سکون سا ملتا ہے نامرادی میں
جو میرا حال ہے وہ اپنا حال کر دیکھو
شاہد گناہ اور اس کے نتائج سے پوری طرح با خبر ہیں۔ اس لیے وہ وادی ہوس تک پہنچ کر بار بار واپس آتے ہیں۔ ان کا یہ فتویٰ ہے:
وہ شخص جو دیتا ہے گناہوں کی گواہی
اس کو بھی برابر کا گنہگار سمجھنا
بھلا جو شخص یہ جانتا ہو وہ پاکیزہ نہیں تو اور کیا ہو گا۔ شاہد یہ بھی جانتے ہیں کہ جو موج عصیاں میں غرق ہو جائے اس کو باہر نکالنا ممکن نہیں ہے:
مچھلی نہیں کہ ڈال کے کانٹا نکال لو
اس کو نگل چکا ہے سمندر گناہ کا
ا س لیے ان کی صفائی قلب پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ اسی صفائی قلب نے ان سے اس قسم کے شعر کہلوائے:
پیار سے جتنی گزر جائے غنیمت ہے یہاں
لفظ کو دھار نہ دے بات کو خنجر نہ بنا
بھیک پانے کیلیے دست طلب کافی ہے
مانگنے والے کا رتبہ نہیں دیکھا جاتا
کچھ تو رکھو کسی سے تعلق کے واسطے
یوں بے ثمر رہو گے تو پتھر نہ آئے گا
اپنے حق میں کوئی کچھ بھی نہیں کرنے والا
دے کے خیرات فقیروں کی دعا لی جائے
فطرت میں قناعت ہو تو اچھا سا لگے ہے
کاسے میں پڑا سنگ بھی سکہ سا لگے ہے
اسی نے شاہد کو عشق و محبت کے اتنے لطیف آداب سکھائے کہ وہ ایک ایسے محبوب کے گرویدہ ہوئے جس کی شکل و صورت کو تصویر کی گرفت میں لانا ان کے لیے ناممکن ہو گیا:
بہت دنوں سے ہے اک عکس میری آنکھوں میں
مگر میں اس کو کوئی شکل دے نہیں سکتا
جو انھیں خواب میں اکثر دکھائی دیتا ہے لیکن عالم بیداری میں اس کو پانا ان کے لیے دشوار ہو گیا:
کہاں ہے، کون ہے، اس کا کوئی وجود بھی ہے
جو خواب میں مجھے اکثر دکھائی دیتا ہے
گویا ان کا عشق اذیت ناک ہے۔ روحانی کرب کا باعث ہے۔ وہ ایسے محبوب کی یاد میں سزا کاٹ رہے ہیں جس کا بظاہر کوئی وجود نہیں ہے:
جا کے ملتا ہوں ، نہ اپنا ہی پتہ دیتا ہوں
میں اسے ہی نہیں خود کو بھی سزا دیتا ہوں
اس تناظر میں شاہد کی یہ غزل دیکھئے۔ کس قدر معنی خیز ہے۔ اس کے شعروں میں کم و بیش وہی جذبہ ملتا ہے جس کا ذکر اوپر کیا گیا ہے۔ یہاں بھی وہی سوال ہاتھ باندھے کھڑا ہے:
کہاں ہے، کون ہے، اس کا کوئی وجود بھی ہے
غزل دیکھئے:
وہ اپنے طور پہ دیتا رہا سزا مجھ کو
ہزار بار لکھا اور مٹا دیا مجھ کو
خبر ہے اپنی، نہ راہوں کا کچھ پتہ مجھ کو
لئے چلی ہے کوئی دور کی صدا مجھ کو
اگر ہے جسم تو چھوکر مجھے یقین دلا
تو عکس ہے تو کبھی آئینہ بنا مجھ کو
چراغ ہوں مجھے دامن کی اوٹ میں لے لے
کھلی ہوا میں سر راہ مت جلا مجھ کو
تمام عمر میں سایہ بنا رہا اس کا
اس آرزو میں کہ وہ مڑ کے دیکھتا مجھ کو
عشق و محبت کا یہ راستہ تکلیف دہ ہے۔ اس پہ وہی ثابت قدم رہ سکتا ہے جس میں صبر و شکر کی قوت ہو۔ جو حوصلہ مند ہو اور اذیت کو برداشت کرنے کی سکت رکھتا ہو۔ چند شعر اور دیکھئے۔ ان میں بھی وہی جذبہ، تڑپ، تکلیف اور احساس ملتا ہے:
میں ترے لمس کے احساس میں ڈھل جاؤنگا
دور سے دیکھ لے چھوکر مجھے پتھر نہ بنا
وہ شخص دور سے کتنا قریب لگتا تھا
گلے لگا ہے تو اک فاصلہ سا لگتا ہے
قریب ہم ہی نہ جب ہو سکے تو کیا حاصل
مکان دونوں کا ہر چند پاس پاس ہوا
جیسے گل ہوتی چلی جائے چراغوں کی قطار
جب کوئی روٹھ کے جاتا ہو تو منظر دیکھو
لیکن اس قدر لطیف احساس و خیال رکھنے والا شاعر بھی مطالعہ کی رو میں ہوس کے دلدل میں جا گرا اور نفس امارہ سے بری طرح شکست کھا کر اس منزل پہ جا پہنچا جہاں انسان عتاب کا شکار ہوتا ہے۔ دراصل یہ ایک سچائی ہے کہ بعض انسان سیماب فطرت ہوتے ہیں۔ وہ اپنی انا کی تسکین کے لیے ذائقہ بدلتے رہتے ہیں۔ وہ ایک جیسی چیز سے مطمئن نہیں ہوتے بلکہ سائیکل سے کود کر لونا پہ اور لونا سے کود کر اسکوٹر پر چڑھتے ہیں۔ یہاں بھی انھیں قرار نہیں آتا۔ قرار کہاں سے آ سکتا ہے۔ ان کا ایمان تو مادے ر ہے۔ یہی مادیت منظر نامے کو تیزی سے بدلتی ہے اور یہ نتیجہ سامنے آتا ہے:
فضا بدلنے کی رفتار کا یہ عالم ہے
ذرا جو دیر ہوئی گھر نیا سا لگتا ہے
اسی تلون مزاجی نے شاہد سے اس قسم کے شعر کہلوائے جوان کی معتوبی کا باعث ہیں۔ یہ صحت مند ہیں بلکہ مریضانہ سوچ کے عکاس ہیں :
بج گئے رات کے دو اب تو وہ آنے سے رہے
آج اپنا ہی بدن اوڑھ کے سویا جائے
دن میں سمٹا ہوا رہتا ہے بدن میں اپنے
رات ہوتے ہی وہ بستر کی طرح کھلتا ہے
بارش میں بھیگنے کا مزہ اس کو آگیا
کپڑوں کے ساتھ ساتھ بدن کو نچوڑ کے
کچھ تو اپنی بھی طبیعت کا پتہ دینا تھا
اس نے جب ہاتھ ملایا تھا دبا دینا تھا
رات بھر شاہد کوئی پہلو میں تھا
آپ نے کروٹ ہی کوئی لی نہیں
شاہد کی فکری نشوونما معاشی ان کے بیچ ہوئی ہے۔ اس لیے ان کے یہاں اس کی جو تصویریں ملتی ہیں۔ وہ انتہائی کربناک ہیں۔ وہ یہ بتائی ہیں روحانیت پر مادیت کی فتح معاشی بدحالی کے سبب کس طرح ہوتی ہے یا مسلسل غم انسان کوکس طرح مردہ ضمیر کر دیتا ہے۔ صرف دو شعر :
ان کو بھی بہا لے گئے ناقوس ملوں کے
جو صبح کو جاگے تھے موذن کی صدا سے
مغموم بھی اتنے کہ کوئی غم نہیں باقی
محروم بھی ایسے کہ طلب تک نہیں معلوم
ان کے یہاں عصری حسیت بھی جگہ جگہ ملتی ہے۔ انھوں نے حقائق کو شعر کے پیکر میں اس خوبی سے ڈھالا ہے کہ منظر نگاہوں کے سامنے گھومنے لگتا ہے۔ چند شعر :
جتن ہزار کیے ہر لباس میں پھر بھی
وہ جسم ہے کہ برابر دکھائی دیتا ہے
تمام شہر میں رونق بلا کی ہے ، لیکن
ہر اک چراغ کا چہرہ بجھا سا لگتا ہے
کیا وقت پڑا ہے آدمی پر
سائے سے لپٹ کے رو رہا ہے
یہی وہ حقائق ہیں جوان کے نام کو اردو شاعری میں زندہ رکھیں گے اور نئی شاعری میں ان کے شاعرانہ مرتبے کا تعین کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوں گے۔
مطبوعہ:ماہنامہ اردو میلہ، ناگپور، جون ۲۰۰۲ء
یونس کا انکشاف
ندا فاضلی کا حقیقت سے بھر پور ایک شعر ہے :
میری غربت کو شرافت کا ابھی نام نہ دے
وقت بدلا تو تری رائے بدل جائے گی
گویا انسان کی سوچ تغیر پذیر ہے۔ اس میں مطالعے، مشاہدے اور تجربے کے بعد، وقت کے بہاؤ کے ساتھ ساتھ تبدیلی آتی رہتی ہے۔ کل جو بُرا تھا آج اچھا ہو سکتا ہے۔ آج جو اچھا ہے اس کا کل برا ہو جانا ممکن ہے۔ کارل مارکس اور مارکسزم کی بھر پور عبادت و بندگی کی گئی۔ لیکن جب اس نظام اور نظرئے کو ’’مکمل فریب‘‘ کا نام دیا گیا تو اس کے داعی کے عظیم الشان بت کے گلے میں ، تاریخی لال چوک پر، زنجیر ڈال کر، کرین سے نیچے کھینچ لیا گیا۔ سارا طلسم ٹوٹ گیا۔ وقت بدلا تو رائے بھی بدل گئی۔ نازیزم، فاشزم، فرائڈیزم اور اس طرح کے نہ جانے کتنے ایزم اپنی قوت کا بے پناہ مظاہرہ کر کے دم توڑ چکے۔ مادیت اثر دکھا رہی ہے لیکن ایک ایک کر کے اس کے اثرات زائل ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ اگر ثبات ہے تو روحانیت کو، انسانیت کو اور مذہب کو۔ اِدھر اُدھر بہکنے کے بعد شعور مند انسان جب گہرائی سے اپنا مطالعہ کرتا ہے تو پھر اسی سچائی کی جانب لوٹتا ہے کہ اصل تو یہی ہیں۔ اس سے کوئی ذی فہم انکار نہیں کر سکتا۔ انکشاف کے شاعر س۔ یونس نے بھی نہیں کیا ہے :
روایت سے بغاوت کر کے میں پہنچا روایت تک
یہی تو نسلِ نو سے کہہ رہی ہیں جھریاں میری
اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ارتقائی عمل اور قانون عروج و زوال صداقت ہے۔ پستی سے بلندی، بلندی سے پستی۔ بچپن سے جوانی، جوانی سے بڑھاپا اور یہیں پھر طفلانہ حرکتیں۔ یہ ساری سچائیاں ہیں۔ اور انکشاف کا شاعر ان سب سے گذر کر انکشاف کا مصنف بنا ہے۔
اس کتاب میں موجود ایک حمد، ایک نعت، ایک مناجات اور ۱۲۶ غزلوں کے کل ۸۷۵ شعروں میں ان کی تقریباً ۴۸ سال کی فکر، مطالعے، مشاہدے اور تجربے کا رس ہے۔ کاش کہ یہ ارتقائی عمل کے سانچے میں ترتیب دئے جاتے تو محاکمے اور جائزے کا کام آسان ہو جاتا۔ لیکن کتاب میں سارا مسالہ گڈمڈ ہے۔ چلئے آگے بڑھتے ہیں۔ اس کو علاحدہ علاحدہ کرتے ہیں۔ یونس کا ایک شعر ہے :
طیب سے، نہ دوا سے، ملا مزاج مرا
ہی ہے حال تو بس ہو چکا علاج مرا
آخر یہ مایوسی، یہ غم گینی اور یہ شکوہ کیوں ؟ موصوف کا گھر تو خود شفا خانہ ہے۔ اس حقیقت کی روشنی میں شعر صاف چغلی کھا جاتا ہے کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب شیرازہ جوان تھا اور پردۂ نگاری میں کوئی معشوق بیٹھا ہوا تھا۔ اس کی آرزو میں ایسا مرض لاحق ہوا جا لاعلاج تھا۔ اس سے یہ بھی پتہ ملتا ہے کہ یونس کی شاعری کی ابتدا حسنِ جاناں ، فکرِ جاناں ، آرزوئے جاناں اور غمِ جاناں سے ہوتی ہے۔ یہ فکر ان پر اس قدر حاوی تھی کہ انھوں نے مزے لے لے کر، پہلو بدل بدل کر اس قسم کے تاثراتی اور جذباتی شعروں کی تخلیق کی ، مثلاً:
ہجر کا جس چھٹا، وصل کی بارش بھی ہوئی
پھر بھی موسم ہے، وہی روح کی تنہائی کا
سو نیکیاں بھی دے کے میں اس کو خرید لوں
جرم حسیں جو اس کی نگاہوں میں جچ گیا
روح کی تنہائی کا معاملہ ہویا محبوب کے جرم حسیں کو سو نیکیاں دے کر خرید لینے کا مسئلہ۔ ان کے ذکر میں جو کسک، تڑپ، درد اور بے چینی ہے وہ اندرون کو ظاہر کرتی ہے اور اس ’’بس‘‘ کا تو جواب نہیں جو نوکِ قلم سے لہو بن کر ٹپکا ہے :
طیب سے، نہ دوا سے ملا، مزاج مرا
یہی ہے حال تو بس ہو چکا علاج مرا
یہ وہی تڑپ اور بے چینی ہے جو جگر کی اس شراب میں ملتی ہے :
اے محتسب نہ پھینک، مرے محتسب نہ پھینک
ظالم شراب ہے، ارے ظالم شراب ہے
یا بیان میرٹھی کی اس اضطرابی کیفیت میں :
مرا دل لے کے شیشے کی طرح پتھر پہ دے پٹکا
میں کہتا رہ گیا، ظالم، مرا دل ہے، مرا دل ہے
وارداتِ قلب کی اس کیفیت کو انتہائے شباب پر دیکھنا ہو تو، انکشاف میں ص:۱۱۱۔ اور ص:۱۱۷ پر موجود غزل کے بعض اشعار دیکھئے۔ یہاں اس کے ثبوت میں ان غزلوں کے علاوہ دو شعر نقل کئے جاتے ہیں :
جسم اس کا مےِ اقرار سے پُر ہے لیکن
مدتوں سے لبِ انکار لئے بیٹھا ہے
پھر اس کے بعد ہم پہ نہ تھا دھوپ کا اثر
سائے میں اس کی زلف کے ہم ایک شب رہے
ان میں بھی وہی تیور اور لہجہ ہے :
نام و نشاں سے اصل کی تذلیل ہو گئی
میری حریف خود مری تفصیل ہو گئی
اکثر یہی ہوا ہے اظہارِ شوق میں
تاخیر ہو گئی، کبھی تعجیل ہو گئی
ان شعروں میں یونس کا جذبۂ عشق پختہ اور صادق نظر آتا ہے۔ وہ آدابِ عشق سے باخبر دکھائی دیتے ہیں۔ ان میں برجستگی، اثر آفرینی ، تہذیب و شائستگی اور یاسیت کا غلبہ ہے۔ انھیں وہی شخص کہہ سکتا ہے جو تجربے کی بھٹی میں تپا ہو۔ جس کا دل جلا ہو۔ اقرار و انکار کی نفسیاتی کیفیت، گھنیری زلف کے سائے کا روحانی لفظ، حسب نسب کی بنیاد پر ذلت و رسوائی اور اظہارِ شوق میں وقت کی ستم ظریفی، یہ ساری باتیں یونس کی جمالیاتی حس کو سلیقہ سے اجاگر کرتی ہیں۔ یہی ان کی شاعری کا بنیادی لہجہ معلوم ہوتا ہے، جو ارتقائی سفر طے کرتا ہوا اس سوچ پر آ کر ٹھہرتا ہے :
تجھ کو شاید نظر آ جائے ترا عکس دگر
آئینہ دیکھ، مقابل سے ہٹا کر خود کو
یا یہ شعر :
اقرار و پرستش، مرا شیوہ سہی لیکن
موجود اگر تو ہے جو محسوس ہو ا کر
یہاں وہ داخلیت کے بجائے خارجیت کے تابع ہیں۔ خونِ دل کے بجائے مصنوعی رنگ سے مصوری کرتے ہیں۔ یہیں انھیں نئی شاعری کی ہوا لگتی ہے اور ان کی سوچ، فکر اور لہجہ تبدیل ہوتا ہے۔ انھیں نئی حیثیت اور نئے تجربے سے واسطہ پڑتا ہے۔ نئی زندگی اور نئے مسائل دکھائی دیتے ہیں۔ اس موڑ پر جب وہ سماج کے دوغلے پن پر نظر ڈالتے ہیں اور سفید و مقدس لباس میں لپٹی ہوئی عیاری و مکاری کو دیکھتے ہیں تو ان کے احساس کا تار جھنجھنانے لگتا ہے اور وہ شائستہ و نرم لہجے میں تھم تھم کر اس طرح احتجاج کرتے ہیں گویا بڑھاپے کا احتجاج ہو :
قتل کرنا ہو تو کب زہر دیا جاتا ہے
ان دنوں بس نظر انداز کیا جاتا ہے
یا ص: ۱۰۶ پر موجود غزل کے یہ اشعار دیکھئے :
چلن رہا نہیں جینے کا اب زمانے میں
لگے ہوئے ہیں سبھی زندگی بنانے میں
کوئی کسی کو نہیں مارتا سر مقتل
یہ کام ہوتا ہے دفتر میں کارخانے میں
ہمارے دور میں انسانیت کا حال ہے یہ
پڑی ہو لاش کوئی جیسے سرد خانے میں
یہ اشعار عصر حاضر کی خرابیوں کی منہ بولتی تصویروں کی طرح ہیں۔ زندگی بنانے کے چکر میں انسان،انسان کا دشمن ہو چکا ہے اور اپنے مرتبے (Status)کو مستحکم بنانے کے لئے انسانیت کا قتل کر رہا ہے۔ تعلیم یافتہ طاقتور اپنے سے کمزوروں کو دبا رہا ہے اور مظلوم سند یافتہ اپنی بے بسی اور بے کسی سے مجبور ہے۔ تہذیب و شرافت کے لباس میں عیاری و مکاری اپنا منصب تلاش کرنے میں کامیاب ہے۔ دوستی کے پردے میں منافقت کا عمل تیز تر ہے۔ خود غرضی، مفاد پرستی، تعصب اور تنگ نظری کا ہر سو جال پھیلا ہوا ہے۔ نظر انداز کر کے شخصیت کو سرد خانے میں ڈال دینا عقیدہ بن چکا ہے۔ خوف کا یہ عالم ہے کہ پتہ نہیں کب کون سا حادثہ رونما ہو جائے اور پر امن ماحول کو فتنہ و فساد سے بدل دے :
برداشت کر سکے گی نہ اتنا طویل امن
دنیا ہے وقف جنگ و جدل ہوہی جائیگی
یونس اس مقام پر پہنچ کر ’’غم دوراں ‘‘ کے تابع ہوتے ہیں۔ ان کے یہاں کربِ محرومی اور ذات کی شکست و ریخت کا عمل نمایاں ہوتا ہے۔ وہ روزانہ کے دل فریب، دل گداز اور دل سوز مناظر دیکھ کر کبھی بے بسی کا اس طرح اظہار کرتے ہیں :
منظر وہ سامنے ہے کہ دیکھا نہ جائے گا
رکھنی پڑیں گی جیب میں آنکھیں اتار کر
کبھی جھنجھلا کر یہ مشورہ دینے لگتے ہیں :
یہ وہ زمیں ہے جہاں تہمتیں ہی اگتی ہیں
کہا تھا کس نے یہاں نیکیوں کے باغ لگا
گویا شکست، پھر اعترافِ شکست، اور اس کے بعد اپنے بند کمرے میں تنہا اس شعر کا ورد :
اکیلے جھیلتا رہتا ہو دکھ بصیرت کے
ہو جیسے کوئی پیمبر، بغیر امت کے
یہ حادثہ کیوں پیش آیا؟ اس کا رس انھوں نے ص: ۱۶۹ پر موجود غزل میں پوری قوت سے نچوڑا ہے۔ اس کے شعروں میں جو اذیت، کشمکش، حسرت اور آرزو ہے وہی ان کی شاعری کا مقدر ٹھہرتی ہے اور ان کی فکر کو ’’قیدِ غم دوراں ‘‘ کے حوالے کر کے ان کے لبوں پر مہر سکوت لگا دیتی ہے ، دیکھئے :
روح وحشت کے لئے، جسم صعوبت کے لئے
زندگی ہم کو ملی صرف اذیت کے لئے
زندہ دیوار میں جیسے کوئی چن لے خود کو
وہ ہم نے کئے اپنی حفاظت کے لئے
کیوں زمانے سے الگ میری بنائی فطرت
اک جہاں اور بنا اب مری فطرت کے لئے
کیوں نہ ہم دور کہیں شہر میں جا کر بس جائیں
چاہیے کوئی بہانہ حس و حرکت کے لئے
حسن کاری کا کوئی اور طریقہ ہی نہ تھا
ہم ہی مصلوب ہوئے شہر کی زینت کے لئے
فکری بہاؤ کے لحاظ سے یہ غزل مسلسل اور ایک ہی سوچ کی عکاسی ہے۔ اس شعروں میں غالب کی اس غزل کی صدائے بازگشت صاف سنائی دیتی ہے :
رہیے اب ایسی جگہ چل کر جہاں کوئی نہ ہو
ہم سخن کوئی نہ ہو اور ہم زباں کوئی نہ ہو
بے در و دیوار سا اک گھر بنانا چاہئے
کوئی ہمسایہ نہ ہو اور پاسباں کوئی نہ ہو
پڑئیے گر بیمار تو کوئی نہ ہو تیمار دار
اور اگر مر جائیے تو نوحہ خواں کوئی نہ ہو
غالبؔ اپنے ذاتی غم سے مجبور ہو کر فرار کی راہ اختیار کرنے کی سوچتے ہیں۔ لیکن خوشحال یونس نے اپنی ذات کے حوالے سے دوسروں کا درد سمیٹا ہے۔ گویا عبادت کی ہے، نیکی کا کام کیا ہے۔ ان کا فکری سفر انکشاف میں اسی درد پر تمام ہوتا ہے۔ میں پورے وثوق اور یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ ناگپور کے شاعرانہ ماحول کی جب کبھی تنقیدی تاریخ ترتیب دی جائے گی اس وقت س۔ یونس کی شاعری ایک علاحدہ باب کی حیثیت رکھے گی۔
مطبوعہ:ماہنامہ اردو میلہ، ناگپور، مارچ ۲۰۰۳ء
شارق جمال کا عکس برعکس
شارق جمال، طرفہ قریشی کے شاگرد رشید ہیں۔ دونوں کو ایک دوسرے سے گہری عقیدت تھی۔ پہلے نے دوسرے بہت کچھ سیکھا اور پایا۔ مسلسل بیماریوں سے مجبور ہو کر طرفہ قریشی نے اپنا سارا علمی اثاثہ شارق جمال کے حوالے کر دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ انتقال سے کچھ دن پہلے جب ان کو اپنی جانشینی کا خیال آیا تو اس منصب کے لیے انھی کا انتخاب کیا اور اپنے شاگردوں کو ان سے اصلاح لینے کی ہدایت کی۔ آخر ان میں کوئی تو بات ہو گی۔ تبھی تو طرفہ صاحب نے یہ حکم نامہ جاری کیا تھا۔ ۔ ۔ لیکن شارق جمال کی زندگی کا یہ زبردست المیہ ہے کہ سب کچھ پا لینے کے بعد عین اس وقت جبکہ طرفہ قریشی زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا تھے وہ نجی کام سے بمبئی روانہ ہو گئے اور اپنے استاد کے جنازے میں شریک نہ ہو سکے۔
طرفہ قریشی نے شارق جمال کی شاعری کو خوب مانجھا تھا۔ انھیں شاعری کے فن سے اتنا آشنا کر دیا تھا کہ ان کی شاعری ہمہ رنگ ہو گئی تھی۔ انھوں نے روایت سے اپنے ادبی سفر کا آغاز کیا۔ حمد، نعت، منقبت، سلام، قطعہ، رباعی کہا۔ پھر ادب کی بدلتی قدروں کا ساتھ دیا اور نئے لب و لہجہ میں غزلیں کہیں۔ آزاد غزلیں اور نظمیں لکھیں۔ حتیٰ کہ جاپانی صنف سخن ہائیکو میں بھی طبع آزمائی کی۔ اسی اثنا میں شاعری کے اسرار بھی فاش کیے۔ فن عروض پر ’’تفہیم العروض‘‘ سپرد قلم کی جو چھپ چکی ہے۔ دوسری کتاب ’’عروضی زاویے‘‘ لکھ چکے ہیں۔ فن شاعری پر ’’تفہیم الفصاحت‘‘ قلم بند کر چکے ہیں۔ معیارالاشعار کا ترجمہ’’ آسان زر کامل عیار‘‘ کے عنوان سے کر چکے ہیں۔ غزلوں کا ایک اور مجموعہ ’’نقش در نقش‘‘ ترتیب دے چکے ہیں اور ’’شاخ نور‘‘ کے عنوان سے نعتوں کا بھی مرتب کر چکے ہیں۔ اگر یہ تمام کاوشیں زیور طبع سے آراستہ ہو جائے تو عقدہ کھلے کہ ان کے کشکول علم میں کیسے کیسے جواہر پارے ہیں۔ فی الحال تو ان کی عکس در عکس سامنے ہے جوان کی علمیت سے ہمیں متعارف کرواتی ہے۔
یہ مجموعۂ کلام جو ۹۶ صفحات کاہے حمد و نعت کے علاوہ ۴۶ جدید غزلوں اور ۱۵ ہائیکو پر مشتمل ہے۔ اس میں غزلوں کے اشعار کی مجموعی تعداد ۳۳۰ ہے۔ اگرچہ شارق جمال نے اس سے کئی گنا زیادہ کلام جدید لہجے میں کہا ہے۔ چونکہ یہ ان کا اولین مجموعۂ کلام ہے اس لیے بڑی احتیاط سے اس کا انتخاب کیا ہے اور کانٹ چھانٹ کے بعد اسے اہل فکر و نظر کو سونپا ہے۔ اس اعلان و اعتماد کے ساتھ:
’’شاعر کا ذہن جو کچھ سوچتا ہے، محسوس کرتا ہے۔ اس کے تجربے مشاہدے میں جو باتیں آتی ہیں۔ شاعر اس کی ترسیل لفظوں کے وسیلے سے قرطاس تک کر دیتا ہے۔ یہی سوچ، محسوسات، تجربے اور مشاہدات شاعر کا فکری اور ذہنی عکس ہوتا ہے۔ اس عکس پر جب صاحب الرائے شخصیتیں اپنے خیالات کا عکس ڈالتی ہیں تو شاعر کی ذہنی اور فکری کاوشیں عکس برعکس کے مصداق ہو جاتی ہیں۔ لہٰذا میں اپنے ذہنی عکس کو جناب منشاء الرحمن خان صاحب منشاء اور جناب بشیر بدر صاحب کے خیالات عالیہ کے عکس کے ساتھ ارباب ادب کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔ ‘‘
اس نو سطری پیش لفظ کو جس میں چار بار شاعر کا استعمال گراں گزرتا ہے۔ پڑھا جائے تو پڑھتے ہی واہ نکلے لیکن تھم کر سوچا جائے تو کچھ نہیں۔ اس کی روشنی میں ڈاکٹر منشاء اور بشیر بدر ادب و تنقید کی بلند پایہ شخصیتیں ٹھہرتی ہیں۔ دیکھیں کہ ان کی شاعری کے متعلق دونوں کا نقطۂ نظر کیا ہے۔ عکس برعکس کا مطالعہ کرنے کے بعد ڈاکٹر منشاء اس نتیجے پر پہنچے ہیں :
’’ان کے حقیقت پسندانہ جاندار کلام میں نئے نئے استعارے، نئی نئی تراکیب اور نئے نئے مفاہیم جگہ جگہ دامن دل کو اپنی طرف کھینچتے نظر آتے ہیں۔ ان کی جدید لب و لہجہ والی شاعری میں اپنائیت کے ساتھ ساتھ بھرپور معنویت کے پر لطف نقوش بھی پائے جاتے ہیں۔ وہ نام نہاد جدیدیت کے وبائی مرض میں مبتلا ہونے والے دیگر شاعروں کی طرح محض معمہ بازیوں سے کام نہیں لیتے بلکہ کلام کی فکر انگیزی اور معنی آفرینی کی بدولت بشاشت و مسرت قلب کا سامان فراہم کر دیتے ہیں۔ ‘‘
یہ اس شخص کی رائے ہے جس کو برسوں اردو کا لکچر ر رہنے کے بعد بھی نثرنگاری کا سلیقہ نہ آ سکا۔ جس کے شعر کہنے کی رفتار بہت تیز اور جس کا بے محابا لکھنے میں کوئی جواب نہیں لیکن ہے یہ حقیقت کہ اس کی شاعری آج تک اوبڑ کھابڑ راستوں سے گزر رہی ہے۔ پھر ابھی جدید شاعری سے اس کا تعارف ہونا بھی باقی ہے۔ بشیر بدر نے شارق جمال کی غزلوں کا جب گہرائی سے مطالعہ کیا تو انھیں یہ موتی ہاتھ آئے:
’’شارق جمال نے غزل میں ریاضت کی ہے۔ ایک عمر بسر کی ہے۔ ۔ ۔ انھیں غزل کی روایت کا تجربہ ہے۔ وہ اپنی بات کو شاعرانہ انداز سے کہنے پر قادر ہو چکے ہیں اور خوشی کی بات ہے کہ انھوں نے زندگی اور غزلوں کی تبدیلیوں کو اپنے طور پر قبول کیا ہے۔ ان کے یہاں روایت ہے، رچی ہوئی روایت ہے اور کبھی کبھی سہل پسند روایت ہے۔ لیکن یہ روایتی سہل پسندی اگر پہلے مصرع میں ہے تو دوسرا مصرع نئے اظہار کا نمونہ ہے۔ ۔ ۔ شارق جمال کی غزلوں میں ایسے اشعار ہیں جن میں احساس کی وہ سچائی ہے جو سننے والے کو فوراً متاثر کرتی ہے۔ ایسے اشعار بھی ہیں جن میں نئی تشبیہات کا حسن ہے۔ ایسے شعر بھی ہیں جن میں یکسانیت سے بیزاری کا اظہار ہے اور خوش گوار تبدیلیوں کی سچی آرزوئیں ہیں۔ ‘‘
لیکن یہ حقیقت نگاری ہے یا صرف چند غزلوں کے سرسری مطالعہ کے بعد رائے قائم کی گئی ہے۔ اس کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
آگے چلئے۔ دیکھیں کہ خود شارق جمال کا اپنی شاعری کے متعلق کیا خیال ہے۔ یعنی وہ جن کے کلام میں ’’میں ‘‘ کثرت سے سر اٹھاتا ہے خود اپنے بارے میں کیا سوچتا ہے۔ تلاش کرنے پر یہ دعویٰ ملے ہیں :
میں اپنی طرز کا واحد پیمبر فن ہوں
لگے ہے سحر ساہر شخص کو سخن میرا
لیکن اس دعوے میں ہی وہ مات کھا گئے اور پیمبر فن کی نسبت سے بے جوڑ لفظ سحر کا استعمال کر گئے۔ معجزہ کہتے تو بات بن جاتی۔ اس شعر کے فوراً بعد یہ اعلان بھی کرتے ہیں :
جدید لہجہ کا میں ہوں مبلغ اے شارقؔ
جوان ذہنوں کی خاطر ہے یہ مشن میرا
یہ دعوے شاید اس لیے کئے گئے ہیں کہ انھوں نے جب جدید لہجہ اپنایا تو جدتوں کے شہر میں ایک عظیم انقلاب رونما ہوا:
جدیدیت مرے لہجے میں جب رچی شارقؔ
اک انقلاب جلی جدتوں کے شہر میں تھا
یہ حقیقت ہے یا تعلّی۔ بات اس وقت کھلے گی جب عکس برعکس کو حرف حرف پڑھا جائے۔
ابتدا اس مجموعے کی حمد سے ہوتی ہے جو الجھی ہوئی ہے۔ انھوں نے خدا کے متعلق اپنی ذات کے حوالے سے جہاں عجیب و غریب خیالات ظاہر کیے ہیں وہیں یہ اشعار بھی کہہ گئے جو بے ادبی کی سرحد کو عبور کر جاتے ہیں :
وہ ایک چہرہ اترتا نہیں جو کاغذ پر
اس ایک چہرے کے پیچھے مجھے بتا تو ہے؟
قبا نظر میں ہے شارق کی کرب کس کے لیے
ہر ایک شخص کے اندر کا آشنا تو ہے؟
خدا سے اس طرح سوال کرنے کی جرأت اسی شخص کوہو سکتی ہے جو واقعی ’’پیمبر سخن‘‘ ہو۔ پھر ’’ہر ایک شخص کے اندر کا آشنا‘‘ ایسی زبان وہی استعمال کر سکتا ہے جس کو استاد فن ہونے کا دعویٰ ہو۔ اسی زمین میں نعت ہے۔ اس کے بھی بعض اشعار پر بری طرح نگاہ تھم جاتی ہے اور شارق جمال کی فہم و فراست پر حیرت ہوتی ہے۔ خصوصاً اس شعر پر:
وہ ایک نور جو چھایا ہے سارے عالم پر
اس ایک ’’نور مجسم‘‘ کا آئینہ تو ہے
کیا کہا۔ خدا نور مجسم ہے۔ یعنی وہ جو زمین و آسمان کا نور ہے۔ (اللہ نور السمٰوت والارض) جو ہر چیز کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ (ان اللہ علی کل شئی محیط) وہ نور مجسم ہے۔ یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے۔ ایسا کہنا تو اسلامی شریعت میں موجب گناہ ہے اور اس شعر میں پھروہی گستاخ لہجہ در آیا ہے جو حمد میں موجود ہے:
سمجھ سکا نہ ترا مقصد حیات کوئی
بتا کہ فہم و فراست سے ماورا تو ہے؟
یہ شارق جمال کی منتخب حمد و نعت ہے۔ جو اپنے لہجے سے یہ ثابت کرتی ہیں کہ ان میں حمد و نعت کہنے کی وہ صلاحیت نہیں ہے جو فنکار کو ’’پیمبر فن‘‘ کی صف میں لاتی ہے یا ایک قابل قدر استاد کا درجہ عطا کرتی ہے۔
اس کے بعد غزلیں ہیں جوان کے جدید لب و لہجے کی نمائندگی کرتی ہیں۔ ان میں وہ الفاظ و علامات ملتی ہیں جو جدید شعرا کے یہاں عموماً مستعمل ہیں۔ لیکن ان کے ساتھ جو مذاق کیا گیا ہے اس کی مثال مشکل سے ملے گی۔ وہ اپنے پسندیدہ لفظوں اور علامتوں کو قالب شعر میں ڈھالنے کے لیے ترکیب سازی کے اس خطرناک راستے کو اختیار کرتے ہیں جس پر چلنے کے لیے ہوش مندی، ہنر مندی اور علمیت کی شدید ضرورت ہوتی ہے۔ بصورت دیگر زبان و بیان کا پلیتھن نکل جاتا ہے اور شاعر کی صلاحیتوں کا بھرم کھل جاتا ہے۔ شارق جمال کے ساتھ یہی سب کچھ ہوا ہے۔ وہ اس راستے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ مثلاً:
مطمئن ہوں لہروں کی پیاسی ٹولیاں جیسے
پاچکی ہوں ساحل کی آج چھاتیاں جیسے
کیوں نہ چھالے اگتے تلوؤں میں مرے
راستے میں دور تک سایہ نہ تھا
آگہی ہر راستے کی تھی اسے
وقت گونگا ہی سہی اندھا نہ تھا
کھڑے سورج کی کرنیں جسم پر خنجر نہ ماریں گے
گھنے برگد کے سائے کی اگر تو جستجو کر لے
رکھ کے اپنے آخری بچے کا چہرہ ذہن میں
کتنی حسرت سے تکا کل سیب کی دوکان کو
دیکھوں میں کیسے بجھتا نہیں لب کا سونا پن
کمرے میں قہقہوں کا سمندر اٹھا تو لا
جس گھر میں اگیں قہقہے بے موسم و بے فصل
رشک آئے ہے ہر شخص کو اس گھر کے مکیں پر
خوشی ہو دل میں تو محفل میں قہقہے داغیں
دیا سلائی جو ہو تو دیا جلائے کوئی
شاید کہ خواب گاہ کی زینت ہیں سارے جسم
ننگی سڑ کے سینے پہ اک سانس بھی نہیں
یہ اور اس قسم کے بیشتر اشعار جو شارق جمال کے اس مجموعے میں بکھرے ہوئے ہیں۔ صاف طور سے چغلی کھاتے ہیں کہ انھوں نے جو الفاظ اور علامتیں استعمال کی ہیں وہ غیر واضح ہیں اور ان میں ترسیل کا المیہ شدت سے پایا جاتا ہے۔ کچھ بھی کہہ کر مطمئن ہو جانے کا نام جدیدیت نہیں ہے بلکہ اس کے بھی کچھ اپنے اصول ہیں یا شاعری محض قافیہ پیمائی سے عبارت نہیں ہے بلکہ اس کا حسن رمزیت، کلاسیکیت، رومانیت، سلاست اور سادگی میں پنہاں ہے۔ افسوس کہ شارق جمال کی شاعری میں ان عناصر کا کہیں پتہ نہیں چلتا۔ ساتھ ہی جدیدیت کی روح سے بھی ان کا کلام خالی ہے۔ انھوں نے بیشک درد کی بھیڑ ،کاغذ کی سڑک، سناٹے کا لشکر، ریت کی تحریر، اگتے چھالے، گونگا وقت، کھڑا سورج، ریت کا بستر، قہقہوں کا سمندر، اگتا سناٹا، اگتا سورج، خلاؤں کی نگاہ، پتھر کا جسم، ادھورا جسم، کھڑی دھوپ، لفظوں کے گہر، ننگی سڑک، برفیلے مکان، درد کی چتا، ریت کا گھر، اگتے قہقہے، پانی کی زمین، گونگا قدم، اندھی راہ، اگتی آگ، درد کا اندھیرا، زبان دانی کا قتل، قہقہے داغنا، قہقہے اگانا، ساحل کی چھاتیاں ، فٹ پاتھ، دھوپ، شہر، بھیڑ، غبارہ، صحرا، کمرہ، پرندہ، خلا، گھروندا، گلدان، میز، ڈاکیہ، ریل، ہوائی اڈہ، جہاز، چوراہا، خول، وجود جیسے الفاظ تراکیب، تلازمے اور استعارے پر اپنی شاعری کی عمارت تعمیر کی ہے لیکن قوت اظہار کی کمی کے باعث وہ سلیقے سے اس کی آرائش و زیبائش نہ کر سکے۔ چنانچہ جگہ جگہ اس کی دیواریں داغدار نظر آتی ہیں۔ پوری غزل دی جائے تو شاید یہ عیب پورے طور سے کھلے۔ ایک غزل دیکھئے۔ زمین شکیب جلالی کی ہے۔ کیسا جاندار مطلع کہا ہے شکیب نے:
آ کے پتھر تو مرے صحن میں دوچار گرے
جتنے اس پیڑ کے پھل تھے پس دیوار گرے
اس زمین میں شارق جمال نے یوں طبع آزمائی کی ہے:
جن کے شہپاروں کی تحریروں کے معیار گرے
اپنے ماحول کی نظروں سے وہ فنکار گرے
جب چلیں نرم ہوائیں تو یہ دیکھا ہم نے
سرخرو جتنے تھے پھل پیڑ پہ تیار گرے
گاؤں کی کچی زمینوں پہ جو محتاط رہے
شہر کی چکنی سڑک پر وہی ہشیار گرے
یہ بھی سچ ہے مری تذلیل کے پہلو تھے بہت
یہ بھی سچ ہے مری عظمت کے نہ مینار گرے
تو حقیقت ہے تو ہو ذہن میں تعمیر تری
اور اک دن یہ مرے وہم کی دیوار گرے
تشنہ لب تھے جو خلا میں وہ پرندے شارقؔ
ایک فائر ہوا اور جھیل کے اس پار گرے
لیکن کیا ہاتھ آیا۔ ۔ ۔ کچھ نہیں۔ زبان و بیان، سلاست و سادگی، شعریت و رمزیت۔ ہر لحاظ سے یہ ہر عیب غزل ہے۔ یقین نہیں آتا کہ جو فن عروض و شاعری پر قدرت رکھتا ہو۔ اس کے یہاں ایسی لغزشیں بھی ملیں گی جن کا جواز نکالنا مشکل ہو گا۔ مثلاً:
عیب اے شارق کسی کے دیکھ کر
چپ رہیں ہونٹوں کو بھی سی لیں میاں
جب تک مصرع ثانی کو ’’چپ رہو ہونٹوں کو بھی سی لو میاں ‘‘ نہ پڑھا جائے مفہوم واضح نہیں ہوتا۔ اسی طرح ان اشعار میں لفظوں کو بگاڑ کر یا گرا کر پڑھنا برا معلوم ہوتا ہے:
ہے میرے سامنے تیرا کتاب سا چہرہ
اور اس کتاب کے اوراق الٹ رہا ہوں میں
کیفیت اضطراب کی پردے میں ہی رہی
کہتی ہے زیر آب تھرکتی ہوئی زمیں
جان گئے یہ ہم دیوانے ان کی نظر ویرانہ ہے
ممکن ہی نہیں اس ویرانے میں ارمانوں کا شہر جلے
میری آنکھوں کے دہکتے ہوئے شعلے پہ نہ جا
سرد کتنا ہوں سمجھ ہاتھ سے چھوکر مجھ کو
گھر کی دیواروں کے سناٹے سے بچنے کے لیے
شہر کی بھیڑ میں چھوڑ آیا ہوں اکثر خود کو
پھر یہ لفظ و معانی کی زباں کیا ہے:
دے دیں گے انھیں لفظ و معانی کی زباں ہم
تم ریت پہ مبہم سی لکیریں ہی بنا دو
قتل تو زبان یا زباں داں کاہو سکتا ہے زباں دانی کا نہیں :
فکر و فن کی زندگی پر کیا کریں ہم گفتگو
لوگ کر دیتے ہیں بحثوں میں زباں دانی کا قتل
اور یہ شعر کس خوش فہمی کا نتیجہ ہے:
اپنے ماحول کا مصلوب بتا کر خود کو
سوچتا ہوں کہ بنا ڈالوں پیمبر خود کو
یہاں یہ جواز کام نہیں دے گا کہ پیمبر اور پیغمبر جداگانہ لفظ ہیں۔ لہٰذا دونوں معنوی لحاظ سے الگ الگ حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ تو خود ہی ایک شعر میں پیمبر کو پیغمبر کے ہم معنی باندھ چکے ہیں :
کلیم بن کے خدا سے کلام کرنے کو
پیمبروں کی طرح زندگی بتائے کوئی
ختم نبوت کے بعد پیغمبر بننے کے یہ عزائم کتنے خطرناک ہیں۔ یہ کہاں پہنچائیں گے۔ کاش وہ اس طرح کے اشعار کہتے تو جدید شاعری کا حق ادا کرتے اور اپنا کچھ امیج بنا پاتے:
ریل ہر سمت سے روز آ کے گزر جاتی ہے
شہر کو میرے کئی رنگ کا چہرہ دے کر
نیند جب تک تھی مری آنکھ میں محفوظ تھا میں
قتل لمحوں نے کیا خواب سے باہر مجھ کو
تمہارے دل میں ہے اک کرب سا کسی کے لیے
یہ بات ہم نے پڑھی ہے تمہارے چہرے سے
خضر ہونے کا دعویٰ ہے تو سیدھا کر دو
کسی گرتی ہوئی دیوار کو کاندھا دے کر
جو سونا چا ہو تو دروازے بند کر لینا
کھلا رہے گا یہ کمرہ تو دھوپ جھانکے گی
لیکن اس قسم کے جواہر پاروں پر اتنی دھول جمی ہوئی ہے کہ مشکل سے ہاتھ آتے ہیں اور یہی کہنا پڑتا ہے کہ وہ تجربے کی جس بھٹی میں کودے ہیں وہاں ان کشتہ بن گیا ہے۔
اخیر میں سولہ صفحوں پر پندرہ ہائیکو ہیں۔ ان کا لطف وہ اٹھائے گا جو عکس برعکس خرید کر پڑھے گا۔ شارق جمال کی پوری شاعری کا جائزہ لینے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچتے ہیں :
فضا میں ذہن مرا اڑ رہا ہے اے شارقؔ
ہوا اڑاتی ہے جیسے کٹی پتنگوں کو
دیکھئے یہ کٹی پتنگ کہاں جا کر گرتی ہے اس لیے کہ عکس برعکس کی فضا میں بری طرح لہرا رہی ہے۔
مطبوعہ:سہ ماہی مہم، ناگپور۔ اپریل ۱۹۸۷ء
خاموشی کا شاعر۔ ۔ ۔ نیر انصاری
ناگپور کے شاعرانہ ماحول میں نیر انصاری کو ان کی پر خلوص شخصیت، بلند کردار اور پر درد شاعری کی وجہ سے نمایاں مقام حاصل تھا۔ مشاعروں میں سامعین ان کی غزلیں دلچسپی سے سنتے۔ خوب داد دیتے۔ ان کے پڑھنے کا انداز سنجیدہ اور با وقار تھا۔ وہ مشاعروں کے ایک کامیاب شاعر تھے۔
انھوں نے ایک خوش حال خاندان میں آنکھ کھولی۔ والد کے انتقال کے بعد کاروبار ذمے داریوں کو دیانت داری سے نبھایا۔ بھائیوں کو سمیٹ کر اپنے ساتھ رکھا لیکن بعد کو یہ اتفاق قائم نہ رہ سکا۔ اقتصادی حالت ریزہ ریزہ ہو گئی۔ اس واقعہ کا اتنا شدید افسوس ہوا کہ ان پر اچانک فالج کا حملہ ہو گیا۔ اسی میں اڑتالیس سال کی عمر میں ۲۴ اپریل ۱۹۷۸ء کو وفات ہوئی۔ انتقال کے فوراً بعد ان کے بڑے بیٹے نعیم الدین اختر نے کلام کو یکجا کر کے خاموشی کے نام سے شائع کروایا۔
نیر ایک حساس اور با شعور شاعر تھے۔ وہ اپنی زندگی میں پیش آنے والے واقعات و حادثات سے روشنی حاصل کرتے اور اسے اپنے شعروں میں جذب کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے یہاں خارجیت پر داخلیت اور عیش و نشاط پر حزنیت و دلگدازی کی فوقیت نظر آتی ہے۔ ان کی جو تمنائیں خواب پریشاں ہوئیں انھوں نے اس کا اظہار بہت ہی دردمندی کے ساتھ کیا ہے۔ ایک غزل کے یہ چند شعر دیکھئے:
غم خوشی میں ڈھل جاتا تم جو مل گئے ہوتے
درد میں مزا آتا تم جو مل گئے ہوتے
کتنی شمع جل جاتیں رہ گزار ہستی میں
چاند نور برساتا تم جو مل گئے ہوتے
دل بھی مطمئن ہوتا اشک غم بھی تھم جاتے
درد بھی ٹھہر جاتا تم جو مل گئے ہوتے
یہ درد کسی محبوب کی تلاش و جستجو میں نہیں ہے۔ یہ تڑپ کسی زلف گرہ گیر کی یاد سے وابستہ نہیں ہے۔ بلکہ یہ اشعار اس صدمے کا نتیجہ ہیں جو گھرکا اتحاد ٹوٹ جانے کی وجہ سے انھیں ہوا تھا۔ اس سے وہ بے چین ہو کر رہ گئے تھے۔ اس لیے روٹھنے والوں کو منا رہے تھے۔ بچھڑنے والوں کو حکمت سے تلاش کر رہے تھے۔ انھوں نے خراب صورت حال کو سنوارنے کی بہت کوشش کی۔ اتحاد قائم کرنے کے لیے کئی جتن کیے لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔ یہ اشعار بھی دیکھئے۔ لہجہ کتنا معصومانہ ہے۔ سمجھانے اور منانے کا کتنا پیارا انداز ہے:
زباں کھلتی نہیں اور گفتگو ہو جاتی ہے تم سے
خموشی ہی کو میں بہتر سمجھتا ہوں تکلم سے
جنوں کا دخل بھی کچھ تھا خرد کے ساتھ الفت میں
خطا ہوتی رہی سرزد کبھی ہم سے کبھی تم سے
ضرورت ہے دلوں میں جذبۂ ایثار ہو پیدا
کہیں الجھی ہوئی گتھی سلجھتی ہے تصادم سے
اور اس شعر میں تو بہت صاف لفظوں میں اپنے غم کا سبب بتا دیتے ہیں۔ یہ روٹھنے والے غیر نہیں تھے ان کے خونی رشتے کے افراد تھے۔ جو انھیں غم کے حوالے کر کے خوشیاں سمیٹ کر لے گئے تھے:
ملال یہ ہے کہ روٹھا ہے بے سبب کوئی
یہ غم نہیں ہے کہ تنہا ہے زندگی میری
نیر کا سفر مسرت و شادمانی اور سکون و اطمینان سے شروع ہوا اسی ماحول میں زندگی کا بڑا حصہ بسر ہوا۔ لیکن اختتام اس غم پر ہوا جس نے ان کو موت کی آغوش میں سلا دیا۔ ان کا سکون غارت ہوا تو انھوں نے زندگی کا یہ مفہوم پایا:
کبھی ہے شعلہ بداماں توہے کبھی شبنم
سمجھ میں آنہ سکا کیا ہے زندگی میری
راحت و سکون سے زندگی گزارنے والا جب اچانک غم کے حوالے ہوتا ہے تو وہ توازن کھو دیتا ہے۔ اس وقت جو سنبھل جاتا ہے وہ تعمیر انسانیت کے کام آتا ہے۔ نیر یہ غم برداشت نہ کر سکے حالانکہ اس غم کو پینے کی ،اس کو بھول جانے کی بہت کوشش کی۔ وہ اپنے غم کی ترجمانی اس طرح کرتے ہیں : نفس نفس ہے مرا شعلۂ تپاں کی طرح
ہے غم عزیز مجھے پھر بھی قلب و جاں کی طرح
زندگی مرکز صد رنج و محن ہو جیسے
ہر نفس سلسلۂ دار و رسن ہو جیسے
جس کا ہر نفس شعلۂ تپاں اور سلسلۂ دار و رسن ہو، اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے دل پر کیا گزر ر ہی ہو گی۔ ان اشعار میں زندگی کی تلخیاں نمایاں ہیں۔ نیر نے ہرچند کہ ہمت سے کام لیا اور یہ ثبوت بھی دیا:
وہ کوئی اور ہیں جو غم سے ہراساں ہوں گے
ہم تو سولی پہ بھی چڑھ جائیں تو خنداں ہوں گے
نہیں ہیں مایوس زندگی سے شکست رنج و الم سے کھا کر
ملا ہے کوئی کہیں جو ہم سے گلے لگایا ہے مسکرا کر
شاید یہی تزئین گلستان کا سبب ہو
خوش ہوں کہ نشیمن میں مرے آگ لگی ہے
یہ عزم اور حوصلہ ان کے کئی شعروں میں پہلو بدل بدل کر ملتا ہے۔ لیکن ان حقائق کے باوجود بھی غم سے مات کھا گئے۔ وہ اپنے انجام سے باخبر ہو چکے تھے۔ اس لیے چپکے سے یہ اعتراف بھی کر لیا:
نہاں راز غم ہستی تھا جس میں
سر مژگاں وہ آنسو آگیا ہے
اور جب ہمت جواب دے گئی تو کہہ دیا:
شکار حادثات دہر ہو کر میں بھی اے نیر
بہت غم کھا چکا اب مجھ سے غم کھایا نہیں جاتا
ان کا کاشانۂ ہستی اجڑنے کے بعد دنیا حوصلہ دینے والی تھی اس کا بھی بے ساختہ اظہار کر دیا:
اجڑتا ہو گا جب کاشانۂ ہستی مرا نیر
تماشہ میری بربادی کا دنیا دیکھتی ہو گی
دنیا اس کے سوا اور کر بھی کیا سکتی ہے۔ یہ صرف نیر کی زندگی کا المیہ نہیں ہے۔ سماج کی تاریخ اس طرح کے واقعات سے بھری ہوئی ہے۔ اس قسم کا منظر آئے دن نظر آتا ہے۔ نیر نے اپنے غم کے حوالے سے جو حقائق پیش کئے ہیں وہ سبق آموز ہیں۔ ان سے نصیحت پکڑنا چاہئے۔ عبرت حاصل کرنا چاہئے۔
نیر کے عشقیہ شعروں میں خارجیت پر داخلیت کو اور نشاطیت پر حزنیات کو برتری ملتی ہے۔ ان کے یہاں صنف نازک کی دلربائی اور اس کا سراپا داخلی کیفیات و جذبات میں ڈھلا ہوا ہے۔ ہجر و وصال کی فطری حالتیں ، محبوب کی نفسیاتی کیفیتیں اور اس کی دلربائی کاجو منظرنامہ ان کے شعروں میں دکھائی دیتا ہے اس میں کشش ہے۔ مثلاً یہ اشعار دیکھئے:
ان کے ہونٹوں کی یہ ہلکی سی تبسم ریزی
اک نئی صبح تمنا کی کرن ہو جیسے
جانے کس سوچ میں ڈوبے ہیں کہ بیٹھے بیٹھے
اک گھروندہ سا بناتے ہیں مٹا دیتے ہیں
ان کی ملتفت نظریں اور پھر مری جانب
ظلمتوں سے پھوٹی ہو صبح کی کرن جیسے
چاندنی رات ہے اور وہ ہیں مرے پہلو میں
یہ مرا خواب ہے، یہ خواب کی تعبیر نہیں
دیکھا تھا کبھی میں نے ترا حسن سراپا
قابو میں ابھی تک دل ناشاد نہیں ہے
پڑ گیا جس پہ ترا پر تو حسن تاباں
بن کے خورشید، وہ ذرہ تری محفل سے اٹھا
ان اشعار میں محبوب کے ہونٹوں کی ہلکی سی تبسم ریزی، کی دل آویزی، سوچ میں اس کے استغراق کی کیفیت، عاشق کی طرف اس کی ملتفت نظر کے انجام، خواب میں اس کی آمد کی خوش فہمی حسن سراپا کو دیکھ کر دل ناشاد کی حالت اور پرتو حسن تاباں پڑتے ہیں ذرے کا خورشید بن کے مخمل سے اٹھنے کو جس خوبصورتی سے ظاہر کیا گیا ہے وہ شاعر کے داخلی جذبات اور وجدانی محرکات کو نمایاں کرتا ہے۔ یہ جذبہ جب ترقی کرتا ہے تو اس کے سرے اسرار و معارف اور شاہد حقیقی سے یوں مل جاتے ہیں :
تم دور دور رہ کے بھی دل کے قریب ہو
ہر سانس دے رہی ہے تمہاری خبر مجھے
ہر رخ لالہ و گل عکس ہے تیرا اے دوست
لاکھ پردے میں سہی پھر بھی تو روپوش نہیں
وہ حجاب لالہ و گل سے ہمیں دیکھا کیے
ہم گلستاں میں فریب رنگ بو کھاتے رہے
ہم نے جلوؤں کا اک ایسا بھی سماں دیکھا ہے
آنکھ محروم رہی دل نے عیاں دیکھا ہے
جلوۂ حسن مطلق کہاں نہیں ہے۔ ہر شئی میں ہے۔ وہ دور رہ کے بھی رگ گردن کے قریب ہے۔ ہر سانس میں اسی کی رحمت شامل ہے۔ لالہ و گل میں اسی کا بے پناہ حسن ہے۔ جو اس حقیقت کو پا لیتے ہیں ، حسن مطلق ان کے دل میں سما جاتا ہے۔ مجاز، حقیقت میں بدل جاتا ہے۔
نیر زمانے کی ریا کاریوں اور مکاریوں سے بھی بے خبر نہیں تھے۔ اس لیے وہ احتیاط سے اس طرح کام لینے کا مشورہ دے رہے ہیں :
یوں تو خاروں ہی کی فطرت تھی الجھنا لیکن
اب تو پھولوں سے بھی دامن کو بچائے رکھئے
عہد حاضر کے رہنما کی تصویر اس طرح کھینچتے ہیں :
کون خضر منزل ہے ، کس پہ کیجئے تکیہ
بات رہنما جیسی، کام راہزن جیسے
ان شعروں میں ظاہر و باطن کے فرق کو نمایاں کیا گیا ہے۔ دل کی جو خرابی سفید کپڑوں میں پوشیدہ ہے اس کو ظاہر کیا گیا ہے۔ نیر نے اپنی شاعری میں حقائق اسی طرح واضح کرتے ہیں۔ واردات دل کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہی ان کی سوچ کا کمال ہے۔
آکاشوانی، ناگپور سے ۱۸ جون ۱۹۸۶ء کو نشر ہوا
جلیل ساز کا فکری سفر
اردو شاعری کا منظر نامہ بیسویں صدی میں بڑی تیزی سے بدلتا ہے۔ صوفیا کی گود میں پرورش پانے والی، دربارِ شاہی کی رنگین اور پُر عیش فضا سے متاثر ہونے والی، انقلاب کی شاہراہ پر آ کر لہولہان ہونے والی اور قوم و وطن کی عقیدت محبت کا نغمہ سنانے والی اردو شاعری اس صدی کے چوتھے دہے میں سرمایہ داری کے خلاف اشتراکیت کا پرچم لے کر اٹھی، بوژروائی نظام کے خلاف آواز اٹھائی، اجتماعیت و عمومیت کی تبلیغ کی، غریبوں ، بیکسوں اور مزدوروں کے آنسو پونچھے لیکن حضرت مولانا حسرت موہانی کی ضد پر ریشمی آنچلوں کے سائے میں چپکے چپکے نفسِ امارہ کو بھی خوش کرتی رہی۔ یہ سلسلہ ابھی جاری تھا کہ وہ اچانک فرد اور سماج کے مابین تصادم اور طبقاتی کشمکش میں الجھ کر رہ گئی۔ تنہائی، انتشارِ ذات، فسادات، اقدار کی شکست و ریخت، منافقت اور اقتصادی بدحالی اس کے موضوعات قرار پائے۔ جدیدیت کی یہ رو جب روح کی تسکین کا سامان بہم نہ پہنچا سکی تو ما بعدِ جدیدیت کا عمل شروع ہوا۔ بغاوت سے پھر روایت کی طرف مراجعت ہوئی۔ مذہبی اور روحانی اقدار سے از سرِ نو استفادہ کیا جانے لگا۔ جلیل ساز نے اسی پس منظر میں اپنے فکری سفر کی تکمیل کی ہے۔ ان کا مجموعۂ کلام نگاہ اس حقیقت کا شاہد ہے۔ جس میں وہ روایت سے بغاوت کی طرف اور بغاوت سے روایت کی طرف سفر کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
سلفیہ مسلک سے منسلک ایک با عزت خاندان کے چشم و چراغ ساز ابتدائے عمر میں گھرکی تربیت کی سختیوں اور مذہبی پابندیوں سے بیزار ہو کر اپنی ننہال میں پناہ لیتے ہیں۔ ان کی آزاد خیالی ننہال کے شاعرانہ ماحول کا اثر قبول کرتی ہے۔ ان کے حقیقی نانا عبدالحق کے چھوٹے بھائی عبدالصمد اختر شاعر تھے۔ مولانا ناطق گلاؤٹھوی کے شاگرد تھے۔ ان کے گھر میں شعر و شاعری کے تذکرے تھے۔ نوجوان ساز نے آزادیِ وطن سے پہلے اس محفل کا اثر لیا۔ غزل کہی۔ نانا کو دکھایا تو انھوں نے کاغذ کو چولہے میں ڈال دیا، ساز کا دل ٹوٹ گیا۔ آزادی کے طوفانی دور میں نانا نے ساز کو شاعری کرنے کی اجازت دی تو آزادی سے شاعری شروع کی اور مولانا ناطق سے استفادے کی کوشش کی۔ یہاں اپنی فکر کو موت کے گھاٹ اترتے دیکھا تو طرفہ قریشی کے آگے زانوئے تلمذ تہہ کیا۔ ایک معاملے میں طرفہ قریشی سے ان بن ہوئی تو انھوں نے ۱۹۵۲ء میں انھیں اپنی شاگردی سے عاق کر دیا۔ اب احسان دانش سے بذریعۂ خط و کتابت اصلاح لینی شروع کی جنھوں نے ۱۹۵۶ء میں انھیں چند غزلوں کی اصلاح کے بعد فارغ الاصلاح قرار دے دیا۔ اس مختصر عرصے ہی میں وہ روایت سے بغاوت کی طرف آئے۔ یہیں ترقی پسندوں سے ان کے مراسم قائم ہوئے۔
ساز نے اپنی شاعری کے اس ابتدائی دور میں اپنی آنکھوں سے ملک میں رونما ہونے والے زبردست ہنگامی حالات و واقعات دیکھے۔ سر ریڈ کلف کی بوچڑخانے کی انتہائی سفاک اور بے رحم کلہاڑی سے نہ صرف ملک کو بلکہ انسانیت، تہذیب اور ثقافت کو بھی ٹکڑے ٹکڑے ہوتے دیکھا۔ یہ منظر سولہ سترہ سال کی عمر میں ان کے دل و دماغ میں سمایا ضرور لیکن اس کی تصویر کو وہ صفحۂ قرطاس پرنہ اتار سکے۔ اس وقت انھیں جو فضا راس آئی وہ اس عظیم تاریخی حادثے کے بعد قائم ہونے والے امن و سکون کی جمالیاتی فضا تھی۔ اس نے ان کی فکر کو اس قدر متاثر کیا کہ بس یہی نغماتِ سرمدی ان کے زیرِ لب تھے۔ میکدے کی رات، صبح، خیرمقدم، چراغِ جام جلنے دو اور نذرِ محبوب وغیرہ ان کی وہ نظمیں ہیں جو ۱۹۵۱ء سے ۱۹۵۸ء کے دوران ان کے زورِ فکر سے خلق ہوئیں اور موقر جرائد و رسائل کی زینت بنیں۔ ان نظموں میں میکدے کی رات میں گرمی حسنِ کائنات کا ذکر، ریشمی آنچلوں کے سائے میں انبساط و سرور کا تذکرہ، عشق کی بے قرار باہوں میں عیش و مسرت کا بیان، ایام شباب کی سرمستیوں کی عکاسی، اور مچلتے ہوئے ارمانوں کی منظر کشی جوش و جذبات کے ساتھ ملتی ہے۔ فارغ البالی کے اس دور میں اور نوجوانی کے اس عالم میں ساز کی معصوم امنگیں بغاوت پر آمادہ نظر آتی ہیں۔ اس عمر میں گلشن میں کسی کو دیکھ کر ان کے دل کی الجھنیں دور ہوتی ہیں۔ ان کے تمنائے گلاب مسکرانے لگتے ہیں۔ سازِ دل پر نغمۂ شباب مچل جاتا ہے۔ غم مسرت میں تبدیل ہوتا ہے اور یہ جذبہ بے ساختہ ابھر آتا ہے:
پھر سے گزرے ہوئے ایام پلٹ آئے ہیں
میری دنیائے محبت کے کنول جاگ اٹھے
خواب آلودہ امنگوں کے محل جاگ اٹھے
جلوہ ہائے سحر و شام پلٹ آئے ہیں
کوئی آیا ہے تو آ کر کے نہیں جائے گا
عہد و پیماں کی قسم حسرت و ارماں کی قسم
الجھنیں دور ہوئیں دورِ خوشی آیا ہے
(خیرمقدم)
ساز نے عہدِ جوانی میں یقین کی دنیا میں ڈوب کر، دل کی گہرائیوں سے اپنے جس ارضی محبوب کا خیرمقدم کیا تھا وہ بے مثالی تھا۔ اس کے انگ انگ میں بھرپور جوانی تھی۔ اس کے زلف و رخسار کو دیکھ کر شامِ اودھ اور شفق کی رنگت شرما رہی تھی۔ آنکھیں کوثر و تسنیم کے ساغر اور پلکیں مور کے پھیلے ہوئے دو خوبصورت پرکی طرح تھیں۔ لبوں پر امواجِ تبسم رقصاں تھا اور اندازِ تکلم انوار کی لہروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ ساز نے اپنے محبوب کے پیکر کے ایک ایک عضو کو تشبیہ سے مزین کر کے اسے جو نذرانۂ عقیدت پیش کیا ہے اس میں دیکھئے کس قدر بلا کی جاذبیت اور کشش ہے:
زلفوں میں تری شام اودھ جھول رہی ہے
رخسار کی رنگت سے شفق پھول رہی ہے
آنکھیں ہیں کہ ہیں کوثر و تسنیم کے ساغر
پلکیں ہیں کہ طاؤس کے پھیلے ہوئے دو پر
ہونٹوں پہ تھرکتی ہوئی امواجِ تبسم
ڈوبا ہوا انوار کی لہروں میں تکلم
اس حسنِ خداداد نے جو گل کھلائے اس کو ان دو شعروں میں اس طرح بیان کیا گیا ہے:
یہ حسنِ خدا داد، یہ بھرپور جوانی
یہ مست خد و خال، یہ مخمور جوانی
ہر گام پہ فتنوں کی نگہ جھوم رہی ہے
قامت کو قیامت کی جبیں چوم رہی ہے
(نذرِ محبوب)
یہی وہ چاہت ہے جس نے بعد کو ساز کے دل میں صنفِ نازک سے عقیدت و احترام کا اس قدر جذبہ پیدا کیا کہ وہ اس کے دائروں میں اسیر ہو کر رہ گئے۔ اس سچائی کا انھوں نے اس طرح اعتراف بھی کیا ہے:
تمام عمر نکلنے کی کوئی راہ نہیں
چلا گیا وہ مجھے دائروں میں الجھا کر
فکری و عملی اعتبار سے ساز کے یہاں یہ جذبہ پہلو بدل بدل کر نمایاں ہوا ہے۔ ان کا مشہور لوک گیت۔ ۔ ۔ چلی میکے سے دلہن دے کے صد رنج و محن۔ ۔ ۔ اسی جذبے سے چھن کر نکلا ہے جو دلہن کی رخصتی کے وقت خود دلہن کی اور اس کے والدین کی قلبی کیفیت کو نمایاں کرتا ہے۔ یہ اس جذبے کا ایک رخ ہے۔ اس کا دوسرا رخ ان کی غزلوں کے بعض اشعار میں بڑی فنکاری سے نمایاں ہوا ہے:
یکایک یاد جاگی، درد چمکا
فضا دل کی منور ہو گئی ہے
انگلیوں میں ہے اس کی چاند کا نور
خط کی تحریر جگمگاتی ہے
آ کسی پیڑ پہ ہم نام تو اپنا لکھ دیں
تاج ہر دور میں تعمیر کہاں ہوتا ہے
سچ پوچھو تو صنفِ نازک کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے ساز نے جو عملی اقدامات کیے اور اس کے تحت جن دو تعلیمی اداروں کی تعمیر و تشکیل کی ان میں بھی ان کا یہی جذبۂ خلوص شامل ہے۔ یہ اس جذبے کا تیسرا رخ ہے۔ جو صنفِ نازک کی خدمت میں ڈھل گیا ہے۔ یہ خیالی و تصوراتی نہیں ہے بلکہ عملی و فعلی ہے۔ یہ باعثِ شر نہیں بلکہ وہ کارِ خیر ہے جو معاشرے کو استحکام عطا کرتا ہے۔
ساز کی فکر میں ایک نیا موڑ اس وقت آیا جب انھیں اچانک شہر میں چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔ مکانات سے آگ کے اٹھتے ہوئے شعلے نظر آئے۔ وہ یہ دردناک منظر دیکھ کر اس آگ میں کود پڑے اور اپنی جان پر کھیل کر بلوائیوں کے نرغے میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ان کے گھروں سے نکال کر محفوظ علاقے میں لایا۔ جب نفرت کی آگ ٹھنڈی ہوئی تو وہ یتیموں ، بیواؤں اور مظلوموں کے آنسو پونچھنے میں مصروف ہوئے۔ ریلیف کا صبر آزما کام کیا۔ اسی نفرت کے شعلوں میں انھیں انسانیت کا درس ملا اور انھوں نے سماجی خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنایا۔ یہیں ان کا سیاست سے مکمل تعارف ہوا اور انھوں نے عملی طور سے اس میدان میں بھی قدم رکھا۔ یوں ان کی شاعری میں سماجی و سیاسی حسیّت نے جگہ پائی۔ ان دونوں میدانوں میں تجربات و مشاہدات کی بھٹی میں تپ کران کی سوچ کندن بنی اور ۱۹۷۰ء کے بعد انھیں معاشرت اور سیاست کے لالہ زاروں میں یہ چہرے نظر آئے:
ہر گنہ ڈھانپ لیا کرتی ہے سیمیں چادر
عیب تو صرف غریبوں کا عیاں ہوتا ہے
رہتے ہیں زر پرست بڑے اضطراب میں
اے ساز اٹھنے والے ہیں پردے گناہ کے
عروج شر کا، شراب و شباب کی مستی
سوائے اس کے سیاست میں اور کیا ہو گا
اثر، رسوخ، خوشامد، دباؤ اور رشوت
خطا معاف عدالت میں اور کیا ہو گا
بفضلِ ایزدی وہ راہبر ہیں
لہو میں آستینیں جن کی تر ہیں
ہر ایک آنکھ میں نفرت ہے کس سے چاہ ملے
سلگ رہی ہیں دشائیں کہاں پناہ ملے
اب سرمایہ دار، سیاست داں اور دانش وران کی فکر کا محور قرار پائے۔ انھوں نے ان کے باطن کی خرابیوں کو نمایاں کرنے کی جرأت کی۔ ان کی نظم احمد آباد کا فساد، تین کردار اور سوال میں ان حقائق کو واضح طور سے دیکھا جا سکتا ہے۔ ساز نے صرف اتنا ہی نہیں کیا بلکہ ان سفید پوشوں پراس حقیقت کا انکشاف بھی کر دیا:
طوفان آگیا تو سنبھلنے نہ پاؤ گے
یہ کائنات اصل میں کاغذ کی ناؤ ہے
گویا ظلم و سرکشی حدسے زیادہ بڑھے گی اور مادیت بامِ عروج پر پہنچے گی تو اس کائنات کی تباہی و بربادی یقینی امر ہے۔ اب ساز کی سوچ محدود سے لامحدود کی سمت سفر کرتی ہے۔ عصری مشاہدات سے دوچار ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں انھیں شہری اور دیہاتی زندگی کا فرق معلوم ہوتا ہے۔ وہ ناکامیوں اور محرومیوں کا مفہوم جانتے ہیں ، کرب و اضطراب کو سمجھتے ہیں اور منافقت کے معنی سے آشنا ہوتے ہیں۔ تب کہیں جا کراس قسم کے شعر ان کے نوکِ قلم سے صفحۂ قرطاس پر منتقل ہوتے ہیں :
آدمیت کہ بے نوا ہے بہت
ہر طرف شورِ ارتقا ہے بہت
عقل کی مشعلیں فروزاں کر
چاند بے نور ہو گیا ہے بہت
یا یہ شعر ۔ ۔ ۔
ہماری زندگی اس عہدِ نو میں
کسی مفلس کی چادر ہو گئی ہے
اپنی شاعری میں ساز نے جنگ کے خلاف بھی آواز اٹھائی۔ اس کی تباہی و بربادی کو واضح کیا اور امن و شانتی کی اہمیت کو ظاہر کر کے فتنہ و فساد سے بچنے کی تعلیم دی۔ ان کی دو نظمیں امن اور جنگ باز اس کا بین ثبوت ہیں۔
اس طویل تجربے اور مشاہدے کے بعد ساز مادیت سے روحانیت کی طرف لوٹتے ہیں۔ تسبیح لے کر مسجد کے ایک کونے میں مصلے پرجا بیٹھتے ہیں۔ اپنی گزشتہ زندگی کا احتساب کرتے ہیں۔ اپنے پیدا کرنے والے کی بارگاہ میں روتے ہیں ،گڑگڑاتے ہیں اور یہ درخواست کرتے ہیں :
ہوس سیم و زر ہے روح کا روگ
دے مجھے عافیت کا سرمایہ
اس منزل پر پہنچتے پہنچتے ساز جن کیفیات سے دوچار ہوئے ہیں انھیں ان اشعار میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ احساسِ گنہ سے لبریز ہیں :
پیش کر سکتا نہیں کوئی حسابِ زندگی
عیش و عشرت میں گنوا بیٹھے شبابِ زندگی
عمر نادانی میں گزری ہوش بھی آیا تو کب
جب الٹ دی موت نے آ کر نقابِ زندگی
کل تک تو رہی سجدہ و تسبیح سے دوری
اب جان گیا مرضیِ رب اور ہی کچھ ہے
انھوں نے اپنی پوری زندگی کے رس کو جس غزل میں نچوڑا ہے وہ یاسیت کی فضا میں ڈوبی ہوئی ہے۔ اس میں زندگی کے چراغ کی لو بالکل مدھم ہے اور شاعر اس احساس میں مبتلا ہے:
ڈبونے والی ہے، اک موجِ بے ثبات مجھے
بچا سکو تو بچا لو بڑھا کے ہات مجھے
تمہیں خوشی کی تمنا تھی سو ملی تم کو
خدا نے بخشی متاعِ غمِ حیات مجھے
ہے زخم زخم بدن اور جی رہا ہوں میں
رہیں گے یاد عزیزوں کے التفات مجھے
مرے حبیب سمجھتے ہیں آب و گلِ کا مزاج
سپردِ خاک کیا آنسوؤں کے سات مجھے
اب شریانوں میں گردش کرنے والے لہو میں وہ حرارت نہیں ہے جو پہلے تھی۔ اب سامنے وہ منزل نظر آ رہی ہے جو فانی نہیں لافانی ہے۔ اس لیے ماضی کے سارے واقعات یاد آ رہے ہیں۔ یہ غم، احساسِ گنہ کا غم ہے اور یہ زخم، منافقت کا زخم ہے۔ انھیں کو اپنے ساتھ لے جانا ہے۔ یہ احساس دراصل احساسِ ندامت ہے اور ندامت روحانیت کے تابع۔ اسی احساس پر نگاہ میں جلیل ساز کا فکری سفر تمام ہوا ہے۔
ناگپور میں حمد و مناجات کی روایت
حمد و مناجات کا تعلق مذہبی جذبات و احساسات سے ہے۔ جس شاعر کے دل میں یہ جذبہ و احساس جاگزیں ہوتا ہے وہی اللہ کی حمد و ثنا کرتا ہے۔ اس کے سامنے دست سوال دراز کر کے دعا مانگتا ہے۔ اسی کے آگے اپنی پریشان حالی کا تذکرہ کر کے اس سے رحم و کرم کی درخواست کرتا ہے۔ یہ ایک روشن حقیقت ہے کہ ہمارے بیشتر شعرا کے دل اس جذبے سے لبریز رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہماری شاعری میں حمد و مناجات کا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ ہر دور کے خدا شناس شعرا نے دل کی گہرائیوں سے حمد و مناجات کہی ہیں۔ انھوں نے ان میں خدا کی توحید کوبڑی خوبی سے ظاہر کیا ہے اور اس کے حضور دونوں ہاتھ پھیلا کر اپنے دل کی بات عاجزی و انکساری سے کہی ہے۔ اس صف میں ناگپور کے شعرا بھی شامل ہیں۔
ناگپور کے پہلے شاعر لالہ پیم چند ہیں جنھوں نے فردوسی کے شاہنامے کا پانچ سال کی مشقت کے بعد ۱۲۰۷ھ (۱۷۹۲ء) میں اردو میں منظوم ترجمہ مکمل کیا تھا۔ اس کتاب کا ایک قلمی نسخہ سنٹرل لائبریری، حیدرآباد میں محفوظ ہے۔ انھوں نے کتاب کی ابتدا جن حمدیہ اشعار سے کی ہے وہ بہت معنی خیز ہیں۔ یہ خدا کی توحید اور اس کی قدرت کاملہ کو خوبصورتی سے واضح کرتے ہیں۔ چند شعر دیکھئے:
خدا تجھ کو شاہی سزا وار ہے
صفت کو تری کچھ نہ آکار ہے
ترا نام روشن زباں پر دھرے
تو باہر و بھیتر اجالا کرے
جو صادق ترے نام پر ہے مدام
تو ہے اس کنے رات دن، صبح و شام
مقرر ہے درپن کا خاصہ تجھے
جو جس طور دیکھے اسے تیوں سجھے
تو نے جگ دکھایا، بے تو نا دکھے
جیوں آنکھوں سے سب دکھ، نہ انکھی دکھے
تو ہے مشک نافہ، مثل تن منے
ہرن جھول کر کھوجتی بن منے
کرے تو مدد تو ہے آساں سبھی
دہی کو متھے پر نکلتا ہے گھی
بے شک اللہ ہی مالک الملک اور وحدہٗ لاشریک ہے۔ جو دل کی گہرائیوں سے اس پر یقین کامل رکھتا ہے وہ رات دن اور صبح و شام اس کے قریب ہوتا ہے۔ اسی کی مدد سے ہر کام آسان ہوتا ہے۔ اس حمد و ستائش کے بعد پیم چند نے اپنی ذات پر اللہ تعالیٰ کی مہربانیوں کا ذکر کیا ہے۔ شکم مادر میں پرورش پانے سے لے کر ایام پیری تک کا تذکرہ کیا ہے۔ اس کے بعد اس کی صناعی کو اس طرح نمایاں کیا ہے:
یہ دریا کو تو اپنی قدرت سے کر
زمیں کو بچھایا ہے پانی اُپر
بنا کر رکھا اس پہ قدرت کا بھار
سما کو کیا بے ستوں استوار
چراغاں اسی میں لگایا تُہیں
چندر اور سورج بنایا تُہیں
پیم چند اسی طرح خدا کی حمد و ثنا بیان کرتے چلے گئے ہیں۔ ان کی حمد صاف ستھری اور حقائق پر مبنی ہے۔ ان کے معاصرین میں ایک شاعر عاصی بھی تھے جو ناگپور کے راجہ بہرام شاہ کے دربار سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کی ایک ضخیم مثنوی صفات الانبیاء کا قلمی نسخہ احمد آباد کی درگاہ حضرت پیر محمد شاہ کے کتب خانے میں محفوظ ہے۔ یہ ۱۲۱۲ھ (۱۷۹۷ء) میں مکمل ہوئی ہے۔ عاصی نے بھی اس کی ابتدا حمد الٰہی سے کی ہے اور اس کے تحت بیس اشعار کہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اللہ کی صفات کو بیان کر ناممکن نہیں ہے۔ وہی ہر چیز کا صانع ہے۔ وہی جن و انس کا خالق ہے۔ اسی نے سورج، چاند اور ستارے بنائے۔ عرش، کرسی، جنت اور دوزخ بنائی اور دن کورات پر غالب کیا۔ اس کے بعد وہ اپنے عجز کا اس طرح اعتراف کرتے ہیں :
سب درختوں کی بناویں گر قلم
وصف پورا ہو سکے نہ یک رقم
جب کریں تعریف ربِ ذوالجلال
ہوتی تا دریا میں یک قطرہ مثال
اور آخر میں خدا سے یہ درخواست بھی کرتے ہیں :
شاعری کرنے کا مجھ کو دے کے ذوق
رکھ مرے دل میں تری الفت کا شوق
بخش دے سارے گنہ میرے رحیم
فضل کر دکھلا صراط المستقیم
دل سے تجھ در کی نگہبانی کروں
عاجزی سوں خاک پیشانی کروں
بس یہی عاصی کو ہے تجھ سے امید
کر سیاہ نامہ مرا دھوکر سفید
لالہ پیم چند اور عاصی فکری اعتبار سے اٹھارویں صدی عیسوی سے تعلق رکھتے ہیں۔ انیسویں صدی میں ناگپور میں جو شعرا تھے ان میں مولانا غلام رسول غمگین، فیض محمد فیض، سید عباس علی شہرت اور سید محمد عبدالعلی عادل نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ بنیادی طور پر فارسی کے شاعر تھے لیکن ان میں عادل نے اردو میں بھی اپنی جولانی طبع کے خوب جوہر دکھائے ہیں اور اس میں ایک دیوان اور دو مجموعہ کلام:خزائن الاشعار اور جیش المضامین اپنی یادگار چھوڑے ہیں۔ راقم الحروف نے ان سب کی مدد سے تقریباً دو سو صفحات پر مشتمل عادل کا ایک کلیات ترتیب دیا ہے جو شائع ہو چکا ہے۔ عادل نے اپنے دیوان کی ابتدا حمد باری تعالیٰ سے کی ہے۔ جو مضمون آفرینی اور معنی آفرینی سے پر ہے۔ وہ اپنے عجز کا اعتراف کرنے کے بعد کہتے ہیں کہ خدا نے حسینانِ بوستاں کو پند و نصیحت کرنے کے لیے بلبل کو منبر گل پر خطیب کا منصب عطا کیا ہے۔ وہی گناہوں کا بخشنے والا اور راستے کی دشواریوں کو آسان کرنے والا ہے۔ دیکھئے:
کیا مجھ سے وصف ہووے جناب رقیب کا
برہاں ہے اس پہ عجز خود اس کے حبیب کا
بلبل کو بہرِ پندِ حسینانِ بوستاں
بخشا ہے رتبہ منبرِ گل پر خطیب کا
ہے پا فتادگوں کو کرم اس کا دستگیر
غفار ہی وہی گنہ پر معیب کا
آ جائے اس کا قلزم رحمت جو جوش پر
مخطی کو ہو حصول مراتب مصیب کا
ہے نغمہ سنج حمد میں اس کی ہی ہر سحر
بے وجہ گل پہ شور نہیں عندلیب کا
عادل نے اس حمد میں چند مناجاتی اشعار بھی کہے ہیں جن میں خدا کے حضور میں یہ التماس کی ہے:
بارِ گنہ سے میرا الٰہی جھکا ہے سر
جز تیرے سر فراز نہ مجھ سے کبیب کا
شیطان کھینچتا ہے مجھے سوئے سیّأت
اور یونہی حال ہے میرے نفسِ رغیب کا
توفیقِ نیک ہمرہِ دل میرے رکھ مدام
لازم ہے جیسے طفل پہ رہنا ادیب کا
آہِ پگا ہی سے مرے باطن کو دے جگا
اس فوج کو وہ گویا ہے نعرہ نقیب کا
مجھ رو سیہ کے شعر ِ مبیض پہ رحم کر
ایامِ شاب گزرے اب عالم ہے شیب کا
نقشِ دوئی سے لوحۂ خاطر کو صاف رکھ
عادلؔ کو عشق دے تو رسولِ حبیب کا
عادل نے اپنے مجموعہ کلام خزائن الاشعار کے منظوم دیباچہ میں بھی حمد و مناجات لکھی ہے جو مثنوی کے فارم میں ہے۔ اس میں بلا کی روانی، گہرائی اور گیرائی ہے۔ خدا کی قدرت، حکمت اور صناعی کو ظاہر کرنے کے لیے جو مثالیں دی گئی ہیں وہ جامع اور دل کو متاثر کرنے والی ہیں۔ چند شعر :
لائق حمد ذاتِ داور ہے
جس کی توصیف میں زباں تر ہے
بادشاہی جملہ کون و مکاں
ہے اسی ذات پاک کو شایاں
فیضیاب اس سے جزو تاکل ہے
حسن گل ہے، تو عشق بلبل ہے
اس کو گنجِ ادا و ناز دیا
اس کو سرمایۂ نیاز دیا
فیض سے اس کے بہرہ ور ہے تمام
کیا گدا، کیا امیر اوج مقام
یم کو بخشی جو آبروئے بہیں
تو صدف کو دیا ہے درِّ ثمیں
چرخ کو رتبہ رتبہ اوج دیا
ارض کو بحر بحر موج دیا
اس کو زینت دیا ستاروں سے
اس کو محبوب گل عذاروں سے
سب پہ انساں کو اس نے فضل دیا
اشرف الخلق نام اس کا کیا
ظاہرا صورتِ صغیر ہے یہ
باطنا عالم کبیر ہے یہ
اس کے بعد مناجات ہے۔ اس میں وہی مضامین ہیں جو پہلی مناجات میں ہیں۔ عادل کی یہ دونوں حمد و مناجات ان کے تبحر علمی کو نمایاں کرتی ہے۔ عادل کے بعد حاجی الٰہی بخش کی مناجاتیں توجہ کے دامن کو الجھاتی ہیں۔ موصوف نے پچاس سال سے زائد جامع مسجد ناگپور میں امامت کا فریضہ انجام دیا اور ۲۴دسمبر ۱۹۵۳ء کو ۱۰۳ سال کی عمر پا کر رحلت فرمائی۔ اپنے وقت کے مشہور فقیہ اور جید عالم تھے۔ ہمیں ان کی جو مناجاتیں ان کی غیر مطبوعہ کتابوں میں ملی ہیں انھیں وہ اکثر فرض نماز کے بعد دعا میں پڑھا کرتے تھے۔ ان میں جو ایمانی حرارت و کیفیت ہے وہ دلوں کو متاثر کرنے والی ہے۔ دیکھئے وہ خدا کے سامنے کس اخلاص سے ہاتھ پھیلا کر التجا کر رہے ہیں :
یا الٰہی، یا کریم و یا رحیم
التجا کرتا ہوں تجھ سے یا علیم
یا الٰہی ہاتھ میں کر کے دراز
یہ دعا کرتا ہو تجھ سے کارساز
یا الٰہی دل مرا ناشاد ہے
شاد کر اس کو یہی فریاد ہے
یا الٰہی سر پہ ہے بار خطا
بخش دے تو واسطے خیرالورا
یا الٰہی دے شعورِ بندگی
ذکر میں تیرے بسر ہو زندگی
یا الٰہی موت جب آئے قریب
کلمۂ طیب زباں کو ہو نصیب
یا الٰہی جب کہ ہو محشر بپا
رکھ مجھے زیر لوائے مصطفیؐ
یا الٰہی جب کہ میزاں پر مرا
نامۂ اعمال ہو مجھ کو بچا
یا الٰہی تیرا دیدار حسیں
واں کرا ہے یہ تمنا دل نشیں
یا الٰہی تو ہے رحمن و رحیم
بخش دے میرے گناہوں کو کریم
یا الٰہی بخش دے استاد کو
والدہ، والد، مرے اجداد کو
ہے یہی حاجی کی تجھ سے التجا
اپنی رحمت سے تو کر جنت عطا
ایک مومن کاجو ایمان اور اس کے دل میں جو تمنائیں ہوتی ہیں وہ اس مناجات کے لفظ لفظ سے ٹپک رہی ہے۔ بارِ خطا سے گھبرا کر جس انداز سے دعا مانگی جاتی ہے وہ اس کے ہر شعر سے ظاہر ہے۔ ایک اور مناجات کے یہ چار شعر دیکھئے اپنے گناہوں کا اعتراف کر کے کس عاجزی سے کہہ رہے ہیں :
بندہ یہ خاکسار ہے اور ننگ و خوار ہے
غافل ہے بندگی سے خطا بے شمار ہے
بخشش کی آرزو ہے اسے بخش دے کریم
اس فیصلے کا تجھ کو فقط اختیار ہے
فضل و کرم سے اس کے گناہوں کو ڈھانپ دے
اور بخش دے اسے کہ یہ تقصیر وار ہے
سن لے مرے کریم یہ حاجیؔ کی التجا
اپنی خطا پہ عرصے سے یہ بے قرار ہے
یہی حسرت، تڑپ، بے چینی اور آرزو ان کی اس مناجات میں بھی ہے:
یا ربنّا، یا ربنّا، ستار تو، غفار تو
رحمن ہے، رحیم ہے، پروردگار ہے
چاہے جسے عزت تو دے، چاہے جسے تو ذلت
چاہے بہشت دے اسے جو لائقِ فی النّار ہے
امت محمد مصطفی کی بخش دے، تو بخش دے
یا ربنّا، یا ربنّا، یہ عرض تجھ دربار ہے
یہ ہے گناہوں میں گھرا، کرتا ہے تجھ سے التجا
حاجی کو بھی تو بخش دے، رحمت تری بسیار ہے
خدا کو اول، آخر، ظاہر، باطن، قادر، عادل، رحمن، رحیم، جبار، رزاق ، خالق اور رب العالمین وغیرہ تسلیم کرنا ہی اصل ایمان ہے۔ وہی حاجت روا، مشکل کشا، عالم الغیب والشھادہ اور مالک الملک ہے۔ وہ سب کی سنتا ہے۔ زمیں پر چلنے والی چیونٹی کے پیروں کی آواز سے بھی باخبر ہے۔ وہی ہے جو پتھر میں رہنے والے کیڑوں کو بھی رزق عطا کرتا ہے لہٰذا دست سوال اسی کے آگے دراز ہونا چاہئے۔ اسی سے التجا و التماس کرنا چاہئے۔ یہ بزرگ شعرا اس حقیقت سے پوری طرح باخبر تھے اس لیے ان کی حمد و مناجات میں اعتماد و یقین کا لہجہ ملتا ہے۔ ان میں وہ سوز دروں بھی ہے جو محبت الٰہی سے پیدا ہوتا ہے اور صراط مستقیم پر گامزن کرتا ہے۔
بیسویں صدی کے بزرگ اور استاد شعرا میں مولانا ناطق، نواب غازی، حمید ناگپوری، حکیم واقف برہانپوری اور طرفہ قریشی اہمیت کے حامل ہیں۔ ان میں ناطق نے اپنے دیوان اور حمید نے اپنے مجموعہ کلام حرف خاموش میں اپنے عجز کا اس طرح اعتراف کیا ہے:
اعتراف نارسائی ہے مقام آگاہ کا
حمد باری لکھنے والے نام لے اللہ کا
۔ ۔ ۔ ناطقؔ
تری حمد و ثنا لفظ و بیاں میں آ نہیں سکتی
کمالِ عجز ہے یا رب جو ساکت ہے زباں میری
۔ ۔ ۔ حمیدؔ
طرفہ قریشی کے مجموعۂ کلام:پہلی کرن، نصف النہار، فانوسِ حرم اور شہید اکبر حمد و مناجات سے خالی ہیں۔ نواب غازی کی دعائیہ نظموں کا ایک مختصر سا کتابچہ نوائے نیم شب شائع ہوا ہے۔ اس میں جو دعائیں شامل ہیں وہ فانی و لافانی دنیا کے فرق اور زندگی و موت کی حقیقت کو واضح کرتی ہیں۔ ایک دعائیہ نظم ترانۂ حق کے یہ تین بند دیکھئے:
ایمان صافی، داروئے شافی
دم ساز وافی، شبلی نہ حافی
اللہ کافی ، ہر شے اضافی
کیا زر کا رونا، آخر یہ ہونا
مٹی میں سونا، کنکر بچھونا
اللہ کافی ، ہر شے اضافی
درویش غازی، کیا خانہ سازی
دنیا مجازی، دو دن کی بازی
اللہ کافی ، ہر شے اضافی
نواب غازی کی ایک مناجات جسے اکثر مکتبوں کے طلبہ پڑھتے رہے ہیں بہت مقبول ہے اس کے تین شعر ملاحظہ کیجئے:
پھر شان مسلماں کو اے خالق اکبر دے
پھر تختِ سلیماں دے، پھر بختِ سکندر دے
پھر مردِ مسلماں کو بو بکر و عبیدہ کر
بھٹکی ہوئی امت کو پھر حبِّ پیمبر دے
آوازِ دلِ پر خوں تا عرش پہنچ جائے
غازی کی دعاؤں کو جبریل کا شہپر دے
اب حمد رب کائنات دیکھئے۔ اس میں نواب غازی نے خدا کی خدائی کی عکاسی عالمانہ انداز سے کی ہے۔ خدا پاسبان زماں و مکاں ، مالک دوجہاں ، وحدہٗ لاشریک، حکمران کائنات اور خالق انس و جاں ہے۔ اس یقین کامل سے شاعر کا دل معمور ہے اور وہ خدا کی حمد و ثنا کے ساتھ ساتھ اس سے التجا بھی کر رہا ہے:
اے خدا پاسبانِ زمان و مکاں ، مالکِ دوجہاں ، وحدہٗ لاشریک
ارض تا کہکشاں ، آسماں آسماں ، ایک تو حکمراں ، وحدہٗ لاشریک
قبضۂ سلطنت، فرش سے عرش تک، سطوت و مقدرت از سما تا سمک
تو ہی لاریب و شک، فاطرنہٗ فلک، خالق انس و جاں وحدہٗ لاشریک
کس قدر عام فیضانِ انعام ہے، محفل جام آشام خوش کام ہے
اژدہام امم صبح تا شام ہے، ساقی تشنہ گاں وحدہٗ لاشریک
صوفی و برہمن، پارسا پاک تن، عندلیبِ چمن، قمریِ بانگ زن
برگ و بارِ سمن، ذاکر ذوالمنن، لذتِ ہر زباں ،وحدہٗ لاشریک
ناوک افگن کمانِ فلک برملا، صف بصف ہر طرف لشکر کربلا
فضل سے، عدل سے، ٹال دے ہر بلا، داور ِ مہرباں وحدہٗ لاشریک
دشمنانِ قوی ہوں کمیں در کمیں ، دشنۂ بغض و کیں آستیں آستیں
اے معینِ متیں غم نہیں غم نہیں ، مامنِ دوستاں ،وحدہٗ لاشریک
کج کلاہِ عجم، لعبتِ محتشم، ننگِ آدم سرِ خم بپائے صنم
غازیؔ کم خدم، کیوں جھکے پیشِ جم، قبلۂ عاشقاں وحدہٗ لاشریک
حکیم واقف حکمت کے فن میں بھی ماہر تھے۔ وہ کامیابی سے مطب چلاتے تھے۔ اپنے اسی پیشے کی رعایت سے انھوں نے جو حمد کہی ہے وہ ایک نئے اسلوب کی غمازی کرتی ہے:
عالم میں اے خدا ہے تو ہی عام کا حکیم
تیرے سوا نہیں کوئی بیدام کا حکیم
دی تو نے مہر و ماہ کو حکمت کی روشنی
اک صبح کا حکیم ہے، اک شام کا حکیم
میری طرف علاج ہے، تیری طرف شفا
میں نام کا حکیم ہوں ، تو کام کا حکیم
ملتی ہے تجھ سے نبض کی تشخیص میں مدد
محتاج ہے ہر اک ترے الہام کا حکیم
تشخیص دے، شفا بھی دے، واقفؔ ہے مجھ سے تو
یارب بنا بھی دے مجھے کچھ کام کا حکیم
ان کے بعد جن شعرا کی حمد مطبوعہ شکل میں ملتی ہے ان میں محمد حسن ندیم، منشاء الرحمن منشاء، مولانا اکبر علی اکبر، جلیل ساز، فرید تنویر، شارق جمال اور خضر کے اسمائے گرامی قابل احترام ہیں۔ ندیم کے مجموعۂ کلام قوسِ سخن میں چار حمد اور چار حمدیہ قطعات ہیں۔ اس سلسلے میں ان کا یہ عقیدہ و ایمان ہے:
سدا جو آنکھ، تری حمد پاک سے تر ہے
وہ تیرے فضل سے ایمان کا سمندر ہے
نہ ہو زبان کو جنبش کبھی جو حمد کے ساتھ
صدف میں رہ کے وہ گویا حقیر پتھر ہے
ندیم نے اپنی حمد و ثنا میں خدا کی قدرت کاملہ کو واضح کرنے کے لیے جس زورِ فکر کا سہارا لیا ہے وہ حقائق پر مبنی ہیں۔ اس کا اندازہ ان اشعار سے لگایا جا سکتا ہے:
سراپا عیب ہوں میں لائق ثنا تو ہے
خود اپنی حمد مقدس کا منتہیٰ تو ہے
ازل سے تابہ ابد اپنی کبریائی کی
صدائے کن سے حقیقت سنا رہا تو ہے
زبانِ بحر پہ تسبیح حباب کی رکھ دی
طواف کرتے بگولے اڑا رہا تو ہے
جلال مہر و جمال مہ و نجوم کے ساتھ
مزاجِ خلدو جہنم بتا رہا تو ہے
زبان جہل کہاں اور حمد پاک کہاں
ندیمؔ اپنی حقیقت بھی جانتا تو ہے
ڈاکٹر منشاء کے یہاں جو حمد و مناجات ملتی ہیں وہ فکری لحاظ سے بالکل سہل اور عام فہم ہیں۔ ان میں شاعرانہ فنکاری معدوم ہے۔ مثلاً:
تو مختار کون و مکاں ہے الٰہی
تو ہی مالک دو جہاں ہے الٰہی
تری حمد آخر بیاں ہو تو کیسے
ہماری زباں ناتواں ہے الٰہی
بظاہر تجھے ہم نے دیکھا نہیں ہے
تو آنکھوں سے یوں تو نہاں ہے الٰہی
زمیں آسماں کی ہر اک شے سے لیکن
ترا حسن قدرت عیاں ہے الٰہی
مولانا اکبر علی اکبر کے مجموعۂ نعت ’’نعت النبیؐ‘‘ میں دو حمد و ثنا(غزل کے فارم میں ) اور مجموعۂ منقبت ’’زمزمۂ مدحت‘‘ میں ایک حمد یہ مسدس شامل ہے۔ اپنے حمدیہ کلام کو مولانا اکبر نے علمیت و ذکاوت سے مزین کیا ہے۔ حمدیہ مسدس کا یہ بند دیکھئے:
وہ خواہ عرض ہو، یا جوہر
مرجان ہو، یا لعل و گوہر
ہر برگ و ثمر، ہر شاخ و شجر
ہر غنچہ و گل، ہر شام و سحر
پڑھتے ہیں سبھی تیرا کلمہ
سبحان اللہ، سبحان اللہ
یہ حمدیہ اشعار بھی اس حقیقت کے شاہد ہیں۔ دیکھئے فلسفہ و منطق سے کس طرح فائدہ اٹھایا ہے:
یکتا ہے، کوئی ضد ہے نہ ند، خلق و امر میں
طاعت کا اپنی اس لیے حقدار ہے خدا
جوہر ہے، نہ عرض ہے، نہ ہے جسم اور نہ شے
عقلاً حلول اس لیے دشوار ہے خدا
بے حاسہ کے کرتا ہے ادراک رنگ و بو
ہر رفع صوت سمع کا اقرار ہے خدا
جلیل ساز کے مجموعہ کلام نگاہ میں جو حمد ہے وہ فکری لحاظ سے منفرد رنگ میں ڈوبی ہوئی ہے۔ انھوں نے جو سوالات قائم کیے ہیں وہی خدا کے وجود کو ثابت کرتے ہیں۔ ملاحظہ کیجئے:
مفہوم کو الفاظ سے جوڑا کس نے؟
دھرتی کی کہانی کو جھنجھوڑا کس نے؟
آکاش پہ ناہید کے نغمے جاگے
ظلمات کے سناٹے کو توڑا کس نے؟
ذہنوں میں جما تھا جو لہو برسوں سے
حدت کو فزوں کر کے نچوڑا کس نے؟
اے سازؔ گہر تھا جو صدف میں پنہاں
گہرائی میں جا کر اسے توڑا کس نے؟
شارق جمال کے مجموعۂ کلام عکس برعکس اور نقش در نقش میں ایک ایک حمد ہے۔ ان میں خدا کی تعریف و توصیف شاعر نے اپنی ذات کے حوالے سے نئے انداز سے کی گئی ہے:
لیے ہوئے ہر اک آہنگ ساز کا تو ہے
جو گونجتی ہے تخیل میں وہ صدا تو ہے
الگ نہیں تو مرے جسم سے کسی بھی طرح
رگوں میں خون کے ہمراہ دوڑتا تو ہے
شعور ذہن میں پیکر بنائے کیسے ترا
نہ خاک کا ہے ترا تن، نہ کانچ کا تو ہے
سوچئے مجھ سے کب جدا وہ ہے
مجھ میں اب بھی چھپا ہوا وہ ہے
اب بھی شامل ہے میرے نغموں میں
ہے زباں میری اور صدا وہ ہے
ایک پل بھی جدا نہیں ہوتا
دیکھئے سامنے کھڑا وہ ہے
فرید تنویر کی جو مطبوعہ حمد ملی ہے وہ مخمس کی صورت میں ہے۔ ا س میں زمین و آسماں ، گلستاں و صحرا، فرش و عرش، علم و حکمت، عقل و دانش، ماہ و خورشید، شجر و حجر، توریت و زبور اور انجیل و قرآن کے حوالے سے خدا کی قدرت و حکمت کو ظاہر کیا گیا ہے۔ ایک بند دیکھئے:
یہ شجر، یہ حجر، یہ گل بوٹے
ماہ و خورشید، نور کے چشمے
تیری صنعت ہے، کام ہے تیرا
ہر طرف جلوہ عام ہے تیرا
سب سے اعلا مقام ہے تیرا
خضر ناگپوری کے مجموعۂ کلام راز حیات میں جو حمد ہے اس میں بھی اسی قسم کے جذبات و احساسات ملتے ہیں۔ وہ گنگناتی ہوا، مسکراتی فضا، جگمگاتی ضیا اور دل لبھاتی ادا میں جلوۂ قدرت کی تلاش کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ماہ و انجم میں اسی کی چمک، لعل و یاقوت میں اسی کی دمک، شاخ نازک میں اسی کی لچک اور غنچہ و گل میں اسی کی مہک ہے۔ یہی نہیں بلکہ وہ خدا کی قدرت کو یوں بھی نمایاں کرتے ہیں :
آئینہ خانۂ حیات میں تو
لمحہ لمحہ مشاہدات میں تو
سچ تو یہ ہے کہ کائنات میں تو
پھر بھی تنہا ہے اپنی ذات میں تو
یعنی کوئی نہیں ہے تیرے سوا
اے زہے لا الہٰ الا اللہ
عرفان قنوجی کے مجموعہ کلام سرحدِ عرفاں ، لطیف یاور کے مجموعۂ کلام گریۂ سنگ، امیر اللہ عنبر خلیقی کے مجموعۂ کلام احساس کا سفر، رحمت اللہ راشد کے مجموعہ کلام مخزنِ نور و شجرِ نور اور کلیم یزدانی کے مجموعۂ کلام جہدِ مسلسل کا آغاز بھی حمد سے ہوا ہے۔ ان شعرا کے یہ چند شعر دیکھئے:
خالقِ کونین ربِ ذوالجلال
تو خدائے لم یزل ہے لا یزال
قبضۂ قدرت میں ہے سب کچھ ترے
قادرِ مطلق ہے تو بے قیل و قال
(عرفان قنوجی)
ہر چند نہیں آتا ہے آنکھوں سے نظر تو
انسانوں کی شہ رگ سے ہے نزدیک مگر تو
معراجِ شہنشاہِ دو عالم سے ہے ثابت
لمحوں میں سمو سکتا ہے صدیوں کا سفر تو
(لطیف یاور )
یہ کائنات کی وسعت، یہ رفعتِ کونین
سبھی بنائے ہوئے کارخانے تیرے ہیں
ذلیل کر یا جسے چاہے آبرو دیدے
یہ انتظامِ عروج و زوال تیرا ہے
(امیر اللہ عنبر خلیقی)
نہیں ہے راز کسی کا بھی تجھ سے پوشیدہ
ہر ایک شخص کے حالات جانتا تو ہے
نہیں کوئی اور ترے سوا تری شان جلِّ جلالہٗ
تو ہی ابتدا تو ہی انتہا تری شان جلِ جلالہٗ
(کلیم یزدانی)
ناگپور میں جدید لب و لہجے کے جو شعرا ہوئے ہیں ان میں شاہد کبیر، پروفیسر یونس، شریف احمد شریف، ظفر کلیم اور شکیب غوثی کے کلام کے مجموعے زیور طبع سے آراستہ ہو چکے ہیں۔ ان سب میں مناجات شامل ہے۔ شاہد کبیر نے رب العزت کی بارگاہ میں ادب و احترام سے یہ دعا مانگی ہے:
کیے ہیں اتنے جہاں ایک اور کرم کر دے
مرے خدا تو مری خواہشوں کو کم کر دے
میں ہر کسی کا طبیعت سے احترام کروں
مری نظر میں مجھے اتنا محترم کر دے
شکست میرا مقدر ہے تو مجھے یا رب
مری شکست کے اسباب ہی بہم کر دے
ستم رقم سے سوا، غم بیان سے باہر
زبان کاٹ دے، ان ہاتھوں کو قلم کر دے
شاہد نے انتقال سے ایک دن پہلے جو چار مصرعے کہے ہیں ان میں خدا کی حمد و ثنا کا منفرد انداز ملتا ہے:
ایک اللہ ثباتی ہے
باقی سب لمحاتی ہے
ڈال پہ بیٹھی ہر چڑیا
حمد اسی کی گاتی ہے
پروفیسر یونس عاجزی و انکساری سے اپنی مناجات میں یہ التماس کرتے ہیں :
کوئی تعویذ بھیج، ہیکل بھیج
روح کی مشکلات کا حل بھیج
اُف زمیں کے تنازعے یا رب
آسمانوں سے قول فیصل بھیج
میں نے کاٹی ہے جبر کی اک عمر
کوئی تو اختیار کا پل بھیج
میری آنکھوں میں سرخ آنسو ہیں
اپنی رحمت کا سبز آنچل بھیج
شریف احمد شریف کا لہجہ باغیانہ ہے۔ وہ بڑی بے باکی سے خدا سے اس طرح شکایت کرتے ہیں :
بتا کہ تجھ سے مناجات کیوں کرے کوئی
رہے خموش جو تو، بات کیوں کرے کوئی
ہمارے حال کی جب ہے تجھے خبر داتا
تجھی سے شکوۂ حالات کیوں کرے کوئی
تجھے یہ ضد کہ غریبوں کو کچھ نہیں دے گا
تو پھر دراز یہاں ہات کیوں کرے کوئی
ظفر کلیم اپنے گناہوں کا اعتراف کر کے یوں دستِ سوال دراز کرتے ہیں :
خدا تو مقدس، گنہگار میں
تری ذات بے عیب ہے، خوار میں
تری رحمتوں کا تجھے واسطہ
تری بخششوں کا طلب گار میں
مرا ہر نفس تیرا ممنون ہے
تری دین کا، فرد اقرار میں
شہنشاہ سارے جہانوں کا تو
اے معبود تیرا نمک خوار میں
شکیب غوثی کی مناجاتیں بڑی پر تاثیر ہیں۔ ان کی سوچ کا کینواس وسیع ہے۔ ان کا لہجہ نرم، شائستہ اور مہذب ہے۔ ثبوت میں یہ چند شعر حاضر ہیں :
چل رہا ہوں خود کو اندھا جان کر
یا خدا روشن کوئی امکان کر
سب کو یکساں ہے ترا دست سخا
ہم گنہگاروں کا بھی نروان کر
سخت ہے بے سمت راہوں کا سفر
تو ہماری منزلیں آسان کر
سوکھے پیڑوں کو دوبارہ کر ہرا
دیدۂ مایوس کو حیران کر
پھر زمینوں پر من و سلویٰ اتار
خشک میدانوں کو دستر خوان کر
سفر تمام بھی ہو ابتدائے روشن دے
مسافر شب غم ہوں دعائے روشن دے
بہت نہیں کہ چمک جائے کوئی اک لمحہ
نواح عمر میں تھوڑی سی جائے روشن دے
کھڑا ہے چاروں طرف ایک لشکر جرار
مقابلہ ہے بلا کا عصائے روشن دے
شکیب غوثی عہد حاضر کے جواں فکر شاعر ہیں۔ انھی کی فکر پر حمد و مناجات میں ناگپور کے شعرا کا فکری سفر تمام ہوتا ہے۔
مانی ناگپوری
۔ ۔ ۔ آزادانہ تخلیقی عمل کا شاعر۔ ۔ ۔
بیسویں صدی کے ابتدائی تین دہوں میں ناگپور کے شاعرانہ ماحول میں مولانا ناطق گلاؤٹھوی کی علمیت و ذکاوت کی وجہ سے از سرِ نو حرارت و تازگی آئی۔ انھوں نے نوجوان شعرا کی دیانت داری سے رہنمائی کی جس کے باعث اردو معاشرے میں شاعری کا تذکرہ عام ہوا۔ آسمان شعر و ادب پر شعرا کی ایک کہکشاں وجود میں آئی۔ مولانا ناطق بیان میرٹھی اور داغ دہلوی کے شاگرد تھے۔ زبان و بیان کے شاعر تھے۔ فکری لحاظ سے دبستانِ دہلی سے وابستہ تھے لہٰذا جو شعرا ان کے زیرِ اثر رہے وہ بھی اسی سوچ و فکر کے ترجمان تھے۔ سب محبوب کی زلفِ گرہ گیر سے کھیل رہے تھے۔ کچھ وارداتِ دل کی عکاسی اور کچھ غمِ دوراں کی ترجمانی کر رہے تھے۔
جس زمانے میں ناطق اور ان کے ہم نواؤں کی فکر شباب پرتھی۔ پروفیسر منظور حسین شور علی گڑھ سے فارغ التحصیل ہو کر بسلسلۂ ملازمت ناگپور تشریف لائے اور انجمن ہائی اسکول میں درس و تدریس کے فرائض انجام دینے لگے۔ جدید تعلیم و تہذیب سے آراستہ شور ترقی پسند تحریک و ادب کے حامی تھے اس لیے انھوں نے ناگپور میں اس فکر کو عام کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا۔ جب مشاعروں میں عصری حسیت سے بھرپور ان کی نظمیں گونجیں تو جدید تعلیم یافتہ نوجوان شعرا ان کی جانب ملتفت ہوئے۔ ناگپور کے شاعرانہ ماحول میں ایک نیا حلقہ وجود میں آیا۔ اس حلقہ میں مانی ناگپوری کا بھی شمار تھا۔
مانی نے انجمن ہائی اسکول کی طالب علمی کے زمانے میں شور سے کسبِ فیض کیا۔ وہ ان کے فارسی کے استاد تھے۔ یہ بات ۱۹۳۷ء کی ہے۔ اسی زمانے میں ان کے شاعرانہ ذوق کو تقویت ملی تو چند غزلیں لے کر شور سے رجوع ہوئے۔ شور نے معیاری رسائل اور تنقیدی مضامین پڑھنے کا مشورہ دیا۔ اسی مشورے نے ان کو مطالعہ کا خوگر بنایا جو ان کی مفلسی اور پریشان حالی پراس قدر غالب آیا کہ یہی رس ان کی شاعری کا محور بن گیا۔ آمد کے بجائے آورد کا ان کے کلام میں غلبہ ہو گیا۔
مانی نے تقریباً چالیس سال تک تھم تھم کر، سنبھل سنبھل کر، سوچ سوچ کر شاعری کی۔ استاد کا سہارا نہیں تھا اس لیے اختصار سے کہا اور کہے ہوئے کو بھی بار بار صیقل کیا۔ ترمیم و اضافہ کیا۔ تب کہیں جا کر عمر کے آخری حصے میں اپنا ایک اکلوتا مختصر سا مجموعۂ کلام صحیفہ و صنم کے عنوان سے ترتیب دیا جس میں غزلوں کی تعداد سو سے زائد نہیں اور نظمیں دس سے کم۔ لیکن ان میں جو علمیت، ذکاوت اور محنت ہے وہ انھیں اپنے ہم عصر شعرا سے ممتاز کرتی ہے۔
مانی کی شاعری روایت و جدیدیت کا حسین امتزاج ہے۔ یہ دلکش حسن و جمال، پُر اثر نرمیِ اظہار، لطیف جذبات و احساسات سے مملو ہے۔ نئی فکریات، نئے تلازمات، نئی تراکیب، نئی تشبیہات اور نئے استعارات سے آراستہ ہے۔ ان سب کی مدد سے انھوں نے اپنی شاعری میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔ ایسی روح جو وجدان کو نئی آگہی اور دل کو روشنی عطا کرتی ہے۔ کبھی شعر کی تفہیم و تشریح میں تھم کر سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔ ان کے یہاں عشق و محبت کاجو تصور ملتا ہے وہ انتہائی پاکیزہ ہے۔ اسے لذت پرستی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا غمِ جاناں ، غمِ دوراں کو نکھارنے یا سنوارنے کا محرک ثابت ہوتا ہے۔ وہ کہتے ہیں :
رونق غمِ دوراں نے پائی غمِ جاناں سے
کچھ پھول اُڑ آئے ہیں صحرا میں گلستاں سے
اسی طرح ان کے حادثاتِ عشق و محبت جمود کو حرکت سے ، خوابیدگی کو بیداری سے اور اضطراب کو سکون سے بدلتے ہیں :
بنا کے عشق و حوادث کو زندگی میں نے
سکوں میں جان نہ تھی جان ڈال دی میں نے
وہ کہتے ہیں کہ زندگی کی کامیابی حسن کی رہینِ منت ہے۔ یہ نہ ہو تو زندگی بیکار ہے۔ یہی وہ چراغ ہے جو اندھیرے کو اجالے میں تبدیل کرتا ہے۔ بے قراری کو قرار عطا کرتا ہے:
خیالِ حسن ضروری ہے زندگی کے لیے
چراغ لے لو اندھیرے میں روشنی کے لیے
محبوب کی یاد اتنی پر اثر ہوتی ہے کہ وہ غم زدہ دل کو سہارا دے کر غمِ دوجہاں سے آگے کے سفر پر آمادہ کرتی ہے:
تری یاد دستگیرِ دلِ غم زدہ ہوئی ہے
مجھے ساتھ لے چلی ہے غمِ دو جہاں سے آگے
اس کی نگاہِ مست میں وہ اثر ہے کہ اس کے آگے ساغر و سبو کوئی حقیقت نہیں رکھتے:
سرور لا زوال دے، شراب دل پہ ڈال دے
نگاہِ مست کو اٹھا، کہاں کے ساغر و سبو
وہ اپنے آنسو کو اپنے آنچل میں فوراً جذب کر کے دردِ نہاں کو چھپا لیتا ہے اور رازِ محبت کو زمانے پر ظاہر ہونے نہیں دیتا:
جذب کر لیتے ہیں آنچل میں وہ فوراً آنسو
کم سے کم فرصتِ نجمِ سحری کیسی ہے
اس کا حسن اس قدر مقدس اور اس کی نگاہ اتنی پاکیزہ ہے کہ وہ جس طرف بھی ملتفت ہو جاتا ہے، اس کو دیکھنے والوں کا دل احساسِ گناہ سے خالی ہو جاتا ہے:
کتنے دل ہو گئے احساسِ گنہ سے خالی
حسن نے دیکھ لیا جب بہ نگاہِ معصوم
یہ سوچ انفرادیت لیے ہوئے ہے۔ یہ کیفیت گہرے مطالعے، مشاہدے اور تجربے سے گزرنے کے بعد پیدا ہوئی ہے۔ اسی نے ان اشعار کے صورتِ زیبا کو توانائی و تازگی بخشی ہے۔ مانی نے زندگی میں بہت دکھ جھیلے، معاشی پریشانی کا مسلسل شکار رہے۔ مرض میں مبتلا رہے لیکن عزتِ نفس کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ اپنے دل کو خیر کی جلوہ گاہ بنائے رکھا۔ انھوں نے اس کا اظہار اس شعر میں کیا ہے اور بالکل سچ کیا ہے:
بہتر ہے نگاہوں کی پناہ گاہ مرا دل
کعبہ میں گرفتار نہیں ہوتے ہیں قاتل
چوں کہ مانی کے دل میں شر کا گزر نہیں تھا اس لیے ان کے یہاں پاکیزہ عشقیہ جذبات ہی پہلو بدل بدل کر آتے ہیں اور وہ ایک ایسے محبوب سے دل لگاتے ہیں جس کا چہرہ چاند کی طرح روشن اور چمکدار ہے۔ جو دور رہ کر بھی ان کی نگاہوں کے قریب ہے۔ جس کا ہاتھ آنا ممکن نہیں۔ اگر ہاتھ آ جائے تو مٹی بن جائے۔ ان کی یہ تمنا کس قدر معصوم ہے:
کیوں نہ میں چاند کو آغوش میں لے لوں مانی
رات کی مانگ ستاروں سے بھری کیسی ہے
لیکن جب فرائضِ عالم انھیں آواز دینے لگتے ہیں تو وہ اپنے اس فرضی محبوب کو بزمِ خیال میں چھوڑ کر خندہ پیشانی سے رخصت ہو جاتے ہیں اور معاشرتی مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنی صلاحیتیں صرف کرتے ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں وہ ترقی پسندوں کی صف میں شامل نظر آتے ہیں۔ ان کا نرم لہجے میں اپنے محبوب سے یہ خطاب دیکھئے:
دینے لگے فرائضِ عالم صدا مجھے
میں تم کو چھوڑ جاتا ہوں بزمِ خیال میں
مانی کی شاعری کی ایک نمایاں خوبی سراپا نگاری ہے۔ اردو کے شاعروں نے اپنے محبوب کے سراپا کی عکاسی مختلف انداز سے کی ہے لیکن اس سلسلے میں مانی کی سوچ سب سے مختلف ہے۔ وہ محبوب کے طرحدار ابرو کو دو مصرعوں اور سرِ طاقِ حرم منظوم تحریر سے، پلکوں کو کعبہ میں حجاج کے ہجوم سے، عارض تاباں پہ تل کو چاندنی رات میں خانۂ کعبہ سے، شانوں پر بکھرے ہوئے گیسو کو تہذیبِ مدنیت سے تشبیہہ دیتے ہیں۔ انھیں نئے استعارات سے اجاگر کرتے ہیں۔ دیکھئے:
دو برابر کے ہیں مصرعے یہ طرحدار ابرو
جیسے تحریر سرِ طاقِ حرم ہو منظوم
با وضو سجدہ گزارانِ حرم صف بستہ
تیری پلکیں ہیں کہ حجاج کا کعبہ میں ہجوم
جیسے شبِ مہتاب میں ہو خانۂ کعبہ
اللہ رے اس عارضِ تاباں پہ سیاہ تل
ترتیب وار شانوں پہ گیسو ڈھلے ہوئے
تہذیبِ مدنیت ہے ادائے جمال میں
دراصل مانی بے انتہا غور و فکر کے عادی تھے۔ ان کا یہ خیال تھا کہ کہا ہوا کیا کہا جائے جب تک اپنا کچھ نہ ہو۔ اس لیے وہ نئے نئے مضامین کی تلاش میں سرگراں و پریشاں رہا کرتے تھے۔ ایک شعر میں کہتے ہیں :
جدید تر ہو کوئی اصطلاحِ میخانہ
لب و نگاہ کو کب تک شراب و جام کہیں
اسی لیے وہ نئی تشبیہات و نئے استعارات خلق کیا کرتے تھے۔ اس جہد و کوشش نے ان کے شعروں کو حرکی توانائی عطا کی ہے۔ یہ چند شعر اور دیکھئے۔ ہر شعر اس ریاضت سے آراستہ ہے:
بال بکھرے ہوئے، چہرہ اترا ہوا
شب کی آغوش میں گلستاں سو گیا
وہ مجسم حسن تمکیں ، دل سراپا درد و غم
جیسے سودا کے قصائد اور تغزل میر کا
سخنوروں کا شعر میں خیال جیسے لڑ پڑے
جو بات ان کے دل میں ہے، وہی ہے میری آرزو
تیز رو چاند گھٹاؤں میں تہہ و بالا ہے
مضطرب کوئی سفینہ پئے ساحل تو نہیں
نرس مانی کی ایک مشہور نظم ہے۔ اس میں ان کی سراپا نگاری کا فن دیکھئے:
شفا کدے سے جانبِ کنشت ہیں رواں دواں
شگفتہ رو، شگفتہ دل، کھلی ہوئی جوانیاں
نسیمِ صبح گاہی کو سکھائیں عطر بیزیاں
مہکتے جسم و زلف میں لیے بہار و بوستاں
پڑی ہیں دوش پر اِدھر اُدھر چوٹیاں
کہ آگے پیچھے حسن کے سیاہ فام پاسباں
یہ سبز، سرخ، نیلگوں ، سفید، زرد، ساڑیاں
دھنک نے رنگ رنگ کی زمیں پہ ڈال دی کماں
اِدھر گلوں کے طائفے، اُدھر گروہِ مہوشاں
درِ کنشت پر نزولِ رنگ و نور کا سماں
کسی کی زلفِ تہہ بہ تہہ بکھر گئی ہے تا کمر
کہ میکدے کے راز کھولنے لگی ہیں بدلیاں
چڑھا کے مریم و مسیح پہ عقیدتوں کے پھول
پلٹ رہے ہیں چرچ سے وہ عفتوں کے کارواں
ہر اتوار کو صبح کے وقت ناگپور کے میو اسپتال سے چرچ تک نرسوں کی آمدورفت کا منظر بڑا ہی جاذبِ نظر ہوتا۔ یہ بات ۱۹۷۰ء کے پہلے کی ہے۔ اسی شاہراہ کے قریب مانی کی رہائش گاہ تھی۔ ضعفِ معدہ کے دائمی مرض میں مبتلا ہونے کے باعث وہ علی الصبح اس شاہراہ پر چہل قدمی کیا کرتے تھے۔ یہ منظر ان کی نگاہوں کے سامنے تھا جو قالبِ نظم میں ڈھل گیا۔ پھر وہ جب بھی شدید بیمار ہوتے اسی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کئے جاتے۔ وہیں انھوں نے آخری سانسیں بھی لیں۔ وہ نرسوں کی چارہ گری اور ان کی تیمار داری سے بخوبی واقف تھے۔ چنانچہ دوسرے بند میں اس کا اظہار یوں کرتے ہیں :
فرائضِ حیات میں وہ ایک فرضِ منصبی
کہ جس پہ گلفشاں رہے فلک سے دستِ قدسیاں
صفائے پیرہن میں جلوہ گر ردائے مریمی
ادائے غم گسار ہے، طبیبِ دل، مسیحِ جاں
سرہانے ہر مریض کے حسین مسکراہٹیں
نظر میں ساغرِ شفا، لبوں پہ عمرِ جاوداں
شمار ہو رہی ہیں ناتواں دلوں کی دھڑکنیں
کہ نبضِ کائنات پر ہیں نازنین انگلیاں
سبک خرام وارڈ کے تمام رات گشت میں
ریاضتوں کے نور سے جبین و قلب ضو فشاں
شکوک و شبہہ نے لگائے پاک دامنوں پہ داغ
گناہگار لوگ اور ہزار بدگمانیاں
اس نظم میں مانی نے نرس کی جو تصویر کھینچی ہے وہ اس کی عفت و پاکدامنی کی امین و محافظ ہے۔ اس میں اس کا جذبۂ خدمتِ مریض اور اس کی مخلصانہ چارہ گری نمایاں ہے۔ یہ نظم سوچ کے ایک ایسے تانے بانے سے خلق ہوئی ہے جس میں مشاہدہ بھی ہے اور تجربہ بھی۔ اس کی جمالیاتی فضا میں جو نرمیِ اظہار ہے وہ جذبہ و احساس کو برانگیختہ نہیں کرتی بلکہ اس پُر خلوص خدمت گار کے لیے دل میں ہمدردی پیدا کرتی ہے۔
مانی نے قدیم و جدید دونوں روایتوں سے کسبِ فیض کیا۔ ان کی شاعری مطالعہ، مشاہدہ، اور وجدان کی شاعری ہے۔ نئے مضامین کی دریافت کی شاعری ہے۔ اس میں تہذیبی روایت، بلیغ رمزیت اور آفاقی تمثیلیت ہے۔ اس لیے ان کے یہاں خوبصورت اشعار کا گنجینہ ہے۔ یہ چند شعر اور دیکھئے:
تبصرے لاکھ ہوئے خالِ رخِ جاناں پر
ایک نقطہ ہے کہ کھلتا نہیں جس کا مفہوم
گزرے ہیں وہ ادھر سے تصدیق ہو رہی ہے
گل ہے نہ گلستاں ہے مہکی ہوئی ہیں راہیں
اشک پلکوں پہ سجا لینے دو اہلِ غم کو
ان ستاروں کو بھی موقع دو ضیا باری کا
فن کار کا جلال ہے تصویرِ زندگی
چہرے پہ تلخیِ غم دوراں لیے ہوئے
چھو نہ پائیں گے وہ ریشم سے ملائم گیسو
سخت لگتی ہے جنہیں وعدۂ دلدار کی رات
نظریں نہ جھکاؤ کہ محبت کا فرشتہ
آنکھوں کے دریچوں سے ابھی جھانک رہا ہے
مانی کہتے ہیں کہ شاعری گدازِ قلب و جگر سے وجود میں آتی ہے۔ جب اشک لفظ میں تبدیل ہوتے ہیں تو شعر کی صورت اختیار کرتے ہیں :
مانی گدازِ قلب و جگر ہے سخنوری
کچھ اشک لفظ بن گئے اظہار حال میں
مانی کی شاعری اسی گداز قلب و جگر سے وجود میں آئی ہے۔ اس میں ایک نئی فکر اور نیا طرزِ اظہار موجود ہے۔ انھوں نے جہد و کوشش اور ریاضت و محنت سے اپنے لیے جو راہ بنائی ہے وہ ان کے آزادانہ تخلیقی عمل کی شاہد ہے۔
٭٭٭٭٭
عجیب ناگپوری
ملا احمد علی عجیب کی شخصیت ناگپور کی ادبی تاریخ میں اہمیت کی حامل ہے۔ میں نے اپنی تصنیف ناگپور میں اردو کا ارتقائی سفر میں ان کا ذکر ص:۶۵ پر کیا ہے۔ اس وقت مجھ کو ان کے خاندان کے ایک فرد حیدر حسین ابن قاسم علی مجیب سے جو معلومات فراہم ہوئی تھیں انھی کی روشنی میں ان کا تذکرہ لکھا تھا۔ حیدر حسین بہت کم پڑھے لکھے تھے، مجرد تھے۔ ان کی فطرت میں بے اعتنائی تھی۔ وہ مومن پورہ چوک کے کنارے بیٹھ کر پرانی کتابیں فروخت کیا کرتے تھے۔ بعد کو پتہ چلا کہ یہ کتابیں ملا عجیب کے عظیم الشان کتب خانے کی تھیں۔
دو سال پہلے ماہنامہ قرطاس کے ایڈیٹر جناب امین الدین کے توسط سے علی حیدر صاحب سے ملاقات ہوئی۔ موصوف عجیب کے حقیقی بھائی ملا قاسم علی مجیب کے حقیقی پوتے ہیں۔ انھوں نے عجیب کے تذکرے میں چند غلطیوں کی نشاندہی کی۔ اپنے خاندان کا شجرہ، عجیب کی تصویر اور کچھ کتابیں دیں۔ چنانچہ یہ مضمون اسی کی روشنی میں لکھا گیا ہے۔
عجیب ناگپور کے ایک کہنہ مشق شاعر تھے۔ حیرت ہے کہ ڈاکٹر میمونہ دلوی نے اپنی تصنیف ’’بمبئی میں اردو‘‘ میں ان کا تذکرہ بمبئی کے شعرا کے ساتھ کیا ہے۔ وہ لکھتی ہیں :
’’پورا نام منشی احمد علی تھا۔ عجیب تخلص رکھتے تھے۔ عجیب کے والد بمبئی کے مرثیہ خواں گزرے ہیں۔ ملا طیب علی ابن قاسم جی صاحب المتخلص بہ غریب کے شاگرد رشید اور برادر زادہ تھے۔ عجیب کا ایک مجموعۂ کلام ۱۳۰۶ھ میں یادگار عجیب المعروف بہ مرقع عالم مطبع صفدری سے چھپا تھا۔ اس مجموعے میں سلام اور مجرے ملتے ہیں۔ اکثر سلام کے آخر میں بوہروں کے ملا حسام الدین اور ملا نجم الدین کی تعریف و مدح ہے۔ زبان پر گجری کا اثر زیادہ ہے۔ ‘‘(بمبئی میں اردو، مطبوعہ مکتبہ جامعہ لمٹیڈ، بمبئی، ۱۹۷۰ء، ص:۱۶۷)
یہ سہو غالباً اس لیے ہوا ہے کہ عجیب کا مجموعۂ کلام یادگار عجیب مطبع صفدری بمبئی سے شائع ہوا تھا اور وہ اسی بنیاد پران کو بمبئی کا شاعر سمجھ بیٹھیں۔ حالانکہ عجیب کا تعلق پیدائش سے ان کی وفات تک ناگپور سے رہا ہے۔ آج بھی ان کے خاندان کے کچھ افراد ناگپور میں موجود ہیں ،جن کا مکان اتواری میں بوہرہ جماعت خانہ سے متصل ہے۔
عجیب کا تعلق داؤدی بوہرہ فرقے سے تھا۔ ان کے جد امجد کا نام ملا قاسم جی تھا۔ ان کے دو بیٹے تھے۔ ملا حیدر علی اور ملا طیب علی غریب۔ یہ خاندان ۱۸۵۷ء کے انقلاب کے بعد ناگپور آیا اور اتواری میں اس جگہ سکونت پذیر ہوا جہاں بوہرہ جماعت خانہ ہے۔ اس خاندان کے افراد اپنے وقت کے رئیس اور زمیندار تھے۔ بوہرہ جماعت خانے کے اطراف ان کے مکانات اور کافی جائیداد تھی۔ جب جماعت خانے کی توسیع کی گئی تو چند مکانات اس میں کام آئے۔ اب صرف ایک ہی مکان باقی رہ گیا ہے۔
ملا قاسم جی کے بڑے بیٹے ملا حیدر علی اپنے دور کے مشہور مرثیہ خواں گزرے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ بمبئی اور حیدرآباد بھی جایا کرتے تھے۔ انیسویں صدی کی آخری دہائی میں ان کا انتقال ہوا۔ ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی تھی۔ بڑے بیٹے کا نام احمد علی(عجیب) اور چھوٹے بیٹے کا نام قاسم علی (مجیب) تھا۔ یہ دونوں شاعر تھے۔ بیٹی ختیجہ بائی ناگپور کے ایک رئیس آدم علی (عرف آدم جی) سے بیاہی تھی۔
ملا قاسم جی کے چھوٹے بیٹے ملا طیب علی غریب ایک اچھے شاعر تھے۔ وہ زیادہ تر نعت، منقبت، سلام، نوحہ اور مرثیہ وغیرہ لکھا کرتے تھے۔ ہمیں جناب علی حیدر سے ان کا کچھ کلام موصول ہوا ہے جن میں رسول خداﷺ، حضرت علیؓ، حضرت فاطمۃ الزہراؓ، حضرت امام حسنؓ اور حضرت امام حسینؓ کی تعریف و توصیف کی گئی ہے۔ حضرت فاطمۃ الزہراؓ کی شان میں ایک مسدس کے تین بند دیکھئے:
آپ ہو بنتِ شہنشاہِ عرب یا فاطمہ
ہے کہاں تم سا کوئی عالی نسب یا فاطمہ
طاعتِ حق میں رہیں تم روز و شب یا فاطمہ
اس پہ تھا ہر حال تم کو خوفِ رب یا فاطمہ
تم نے دنیا میں سہے رنج و تعب یا فاطمہ
دکھ پڑا تم پر زمانے میں عجب یا فاطمہ
چاہتا ہر اک طرح سے کبریا ہے آپ کو
سب زنانِ خلق میں سے چن لیا ہے آپ کو
کیا شرف، کیا مرتبہ اعلا دیا ہے آپ کو
نور سے اللہ نے پیدا کیا ہے آپ کو
جب ہوا ہے آپ کا زہرہ لقب یا فاطمہ
دکھ پڑا تم پر زمانے میں عجب یا فاطمہ
تم تو ہو مخدومۂ کونین اے عالی نسب
اور دعا ہے آپ کی مقبول ہر اک پیشِ رب
اس غریبؔ خستہ کی امید ہے، یہ روز و شب
واسطے حسنین کے ہو اس کی روزی کا سبب
ہے یہ ان روزوں میں بے کار و کسب یا فاطمہ
دکھ پڑا تم پر زمانے میں عجب یا فاطمہ
دیگر موصولہ کلام بھی مسدس میں ہے جو اہل بیتِ سے ان کی عقیدت و محبت کا مظہر ہے۔ شاید اسی لیے انھیں شاعر اہل بیت کہا جاتا تھا۔ انھوں نے اہل بیت کی تعریف و توصیف اپنے عقیدے اور مسلک کے مطابق کی ہے۔ ان سے اپنی پریشان حالی کا ذکر کیا ہے۔ مدد کرنے کی درخواست کی۔ رنج و غم کو خوشی و مسرت سے بدل دینے کی گزارش کی ہے۔ کلام صاف ستھرا ہے اور زبان و بیان سادہ ہے۔
ملا احمد علی عجیب ناگپور میں پیدا ہوئے۔ انھیں شعر و شاعری سے فطری مزاولت تھی۔ ماہنامہ جلوۂ یار، میرٹھ کی روشنی میں یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ وہ نفیس لکھنوی کے شاگرد تھے۔ شعر گوئی کے علاوہ انھیں مرثیہ خوانی میں بھی اچھی مہارت حاصل تھی۔ اس کے لیے وہ برہانپور، بمبئی اور نواب عثمان علی خان والی ریاست حیدر آباد کی دعوت پر ہر سال حیدرآباد جاتے۔ حیدرآباد میں ان کے چاہنے والوں کی کثیر تعداد تھی۔
ان کی پر اثر مرثیہ خوانی سے متاثر ہو کر حیدرآباد کے ایک امیر نے اپنی بیٹی حسینہ بیگم ان کے حبالۂ عقد میں دے دی تھی جس کا انتقال ان کی زندگی میں ہوا۔ خدا نے انھیں اولاد سے محروم رکھا تھا۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک پڑوسی کے لڑکے امداد حسین کو گود لے لیا تھا۔ اسی کو اپنے حقیقی بیٹے کی طرح چاہتے تھے اور اس کے لیے ہر طرح کی سہولت فراہم کرتے تھے۔ انھوں نے ۷۲ سال کی عمر پا کر ۱۹۳۷ء میں وفات پائی۔ بوہرہ قبرستان (بینا کی منگلواری، ناگپور) میں مسجد کے قریب ان کا پختہ مزار ہے۔
عجیب کٹر مذہبی، مخیر، مہمان نواز تھے۔ شرافت و سادگی اور عجز و انکساری کا پیکر تھے۔ کتابوں کے مطالعہ کے شوقین تھے۔ ان کے کتب خانے میں سیکڑوں علمی و ادبی کتابیں تھیں۔ مخطوطے بھی خاصی تعداد میں تھے۔ افسوس کہ یہ کتب خانہ اجڑ گیا۔ علی حیدر صاحب نے اس کتب خانے کے فارسی کے وہ آٹھ دس مخطوطات جوان کے پاس محفوظ رہ گئے تھے مجھے عنایت کیے ہیں۔ یہ اب میری لائبریری کی زینت ہیں۔ ان سے عجیب کے علمی ذوق کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ بھی علم ہوتا ہے کہ انھیں فارسی زبان و ادب سے گہری دلچسپی تھی۔
عجیب کا کلام نسیم سحر(جبل پور)، جلوۂ یار(میرٹھ) اور اردو اخبار(ناگپور) میں شائع ہوا ہے۔ ان کے سلام اور مجرے کا ایک مجموعہ یادگار عجیب ۱۳۰۶ھ(۱۸۸۸ء) میں چھپ چکا ہے۔ اس میں ان کا ابتدائی کلام ہے۔ بعد کو گلشن دار السلام کے عنوان سے ان کے کلام کے کئی چھوٹے چھوٹے مجموعے شائع ہوئے۔ میرے پیش نظر اس کا حصہ نہم ہے جو ۱۳۴۶ھ(۱۹۲۷ء) میں اردو پریس، نئی بستی، ناگپور میں چھپا ہے۔ اس مجموعہ میں جو ۶۴ صفحات پر مشتمل ہے اردو کے ۲۴ اور فارسی کے ۲ سلام کے علاوہ خمسہ بر سلام عطا، دو ترجیع بند، بوہرہ جماعت کے پیشوا مولانا محمد طاہر سیف الدین کی شان میں تین قصائد، چھ صلوٰۃ النبی ﷺ، دو تضمین، ایک ساقی نامہ اور اڑتیس رباعیاں شامل ہیں۔ آخر میں چند قطعات تاریخ طباعت ہیں۔
عجیب کے چھوٹے بھائی قاسم علی مجیب بھی شاعر تھے۔ انھوں نے ۱۹۴۵ء میں رحلت فرمائی۔ ان کے چھ بیٹے تھے:ذاکر حسین، علمبردار حسین(نجیب)، رونق حسین، فضل حسین (طبیب)، حیدر حسین اور صادق حسین۔ ان میں ذاکر حسین، علی حیدر کے والد تھے۔ انھی سے ہمیں یہ نئی معلومات فراہم ہوئی ہیں۔
عجیب قادر الکلام شاعر تھے۔ انھوں نے غزل، سلام، نوحہ، مجرا، مرثیہ، قصیدہ اور رباعی میں اپنی جولانی طبع کے خوب جوہر دکھائے ہیں۔ غزلیں عشقیہ جذبات سے مملو ہیں جبکہ دیگر اصناف میں اہل بیت سے اپنی عقیدت و محبت کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ خدا کی حمد و ثنا اور اپنی ذات کا اظہار بھی ان کے یہاں سلیقے سے ملتا ہے۔ زبان صاف ستھری اور نفیس ہے۔ ان کی سوچ سے ان کے تبحر علمی کا پتہ چلتا ہے۔ یہ چند نمونے دیکھئے:
غزل:
بظاہر کیا کہوں اے جان من میں کون ہوں ، کیا ہوں
تمہارا چاہنے والا ہوں ، دل دادہ ہوں ، شیدا ہوں
ہوا ہے مبتلائے حسن جاناں جب سے دل میرا
کبھی ہوں مائل ارماں ، کبھی محو تماشا ہوں
وہ بولے مرتے دم مجھ سے کہ کیسے ہو، کہا میں نے
دم الفت کا تمہاری بھر رہا ہوں اب تو اچھا ہوں
دنی الطبع میری کس طرح اعلا کی ہمسر ہو
نہ آتش ہوں ، نہ ناسخ ہوں ، نہ غالب ہوں ، نہ انشا ہوں
سلام:
ماتم شبیر میں دل ہے مکدر بار بار
اے سلامی خاک اڑتی ہے مرے گھر بار بار
رن میں کرتے ہیں سوالِ آب سرور بار بار
اے سلامی تیر برساتے ہیں خود سر بار بار
گرکے گھوڑے سے صدا دیتے ہیں اکبر بار بار
دل پکڑ کے روتے ہیں سبط پیمبر بار بار
مدحِ بستانِ پیمبر سے قلم سرسبز ہے
روز لاتی ہے صبا بوئے گل تر بار بار
کیوں نہ ہو اندھیر عالم شامیوں کے ظلم سے
گر رہے ہیں ٹوٹ کر زہرا کے اختر بار بار
ذوالفقار تیز پر کے رن میں یہ جوہر کھلے
باندھتے تھے چرخ پر جبریل کے پر بار بار
کہتی تھی زینب یقیں ہے ذبح ہوتے ہیں حسین
ہے صدائے نعرۂ اللہ اکبر بار بار
یہ دعا ہو بارور یا رب عجیب خستہ کی
جا کے دیکھے روضۂ سبطِ پیمبر بار بار
ترجیع بند در مدح علیؓ:
جلالت میں علی عرش بریں پر ماہ تاباں ہے
صباحت میں علی روئے زمیں پر ماہ کنعاں ہے
شجاعت میں علی ہر جنگ میں سام و نریماں ہے
علی ہے فاتح صفین و خیبر مرد میداں ہے
علی کا نام بھی نام خدا، کیا راحت جاں ہے
عصائے پیر ہے، تیغ جواں ہے، حرز طفلاں ہے
رباعیات:
ہر گل سے نمودار ہے رنگت تیری
ہر شاخ و شگوفے میں ہے صنعت تیری
تحمید ہے غنچوں کی چٹک سے پیدا
کلیوں کا مہکنا ہے عبادت تیری
کیا کیا مجھے حق سے چشم و جاہ ملا
ایمان ملا، عشق ید اللہ ملا
حب حیدر سے مصطفیٰ تک پہنچا
پایا جو محمدؐ کو تو اللہ ملا
دولت کی خواہش نہ زر چاہتا ہوں
ہاں اک تری رحمت کی نظر چاہتا ہوں
جو مزرعۂ آخرت ہے وہ خشک نہ ہو
نہ مال، نہ اسباب و گہر چاہتا ہوں
دن زیست کے مشکل سے گزرتے ہیں اب
بس ہوش و حواس کوچ کرتے ہیں اب
ہے ہجر جوانی کا جو صدمہ دل پر
پیری کا اشارہ ہے کہ ہم مرتے ہیں اب
سکہ نقد رواں سا جو چلن ہے میرا
پاک خاشاک تصرف سے چمن ہے میرا
جانتے ہیں شعرا آج بفضلِ خالق
شہرہ آور فنِ آبائی سخن ہے میرا
پر ہے در مضموں سے خزینہ میرا
بے جرم سخن کا ہے نگینہ میرا
ہر رنج کے داغ ہیں دل پر اے عجیب
گلشن کی طرح بھرا ہے سینہ میرا
بد اصل شجر کا تلخ پھل ہوتا ہے
کم مایہ کی صحبت میں خلل ہوتا ہے
سچ ہے کہ اصالت نہیں جن میں ان سے
احسان برائی سے بدل ہوتا ہے
عجیب کا جس قدر کلام ہمیں ملا ہے ہم نے انھی میں سے یہ انتخاب کیا ہے۔ ان کا مطبوعہ اور غیر مطبوعہ کلام کافی مقدار میں تھا۔ اگر محفوظ ہوتا تو ایک ضخیم کلیات تیار ہو سکتا تھا۔ لیکن افسوس کہ اس کا بڑا حصہ ضائع ہو گیا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ کسی گوشۂ گمنامی میں ہو۔ لیکن اس کی تلاش کی اب فرصت کہاں۔
عاصی ناگپوری اور صفات الانبیاء
ماہنامہ قرطاس، ناگپور کے جولائی، اگست ۱۹۹۶ء کے شمارے میں جناب ڈاکٹر سید عبدالرحیم صاحب(سابق ڈائرکٹر وسنت راؤ نائک انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز، ناگپور) کا ایک تحقیقی مضمون بعنوان ’’عاصی ناگپور کی تصنیف صفات الانبیاء، ایک نایاب مخطوطہ‘‘ شائع ہوا ہے۔ انھیں یہ مخطوطہ درگاہ حضرت پیر محمد شاہ ٹرسٹ، احمد آباد کی قیمتی لائبریری سے لائبریری میں موجود مخطوطات کی وضاحتی فہرست کی ترتیب کے وقت ہاتھ آیا۔ اس کے مرتبین میں موصوف بھی شامل تھے۔
ناگپور کا ہونے کے ناطے ڈاکٹر صاحب نے ۴۹۶ صفحات پر مشتمل اس ضخیم مخطوطے سے دلچسپی لی۔ انھوں نے مجھ کو اس کی اطلاع دی۔ میری درخواست پر لائبریری سے اس کی زیراکس کاپی حاصل کی۔ زیراکس کاپی میرے حوالے کرنے سے پہلے اس کا مطالعہ کیا اور میری مطبوعہ کتاب ناگپور میں اردو کا ارتقائی سفر میں موجود ناگپور کے پہلے شاعر لالہ پیم چند کے ذکر سے تقابل کر کے یہ فیصلہ کیا:
’’یہ مخطوطہ دراصل ناگپور کے ایک غیر معروف شاعر عاصی کی تصنیف ہے۔ ۱۲۱۲ھ(۱۷۹۸ء۔ ۱۷۹۷ء) میں عاصی ناگپوری نے صفات الانبیاء کے عنوان سے قصص الانبیاء(فارسی) کا اردو میں منظوم ترجمہ کیا تھا۔ سن تصنیف سے پتہ چلتا ہے کہ یہ منظوم ترجمہ ناگپور کی ادبی تاریخ میں سب سے قدیم ترجمہ ہے۔ اس کے دو سال بعد یعنی ۱۲۱۴ھ میں لالہ پیم چند نے شاہ نامہ کا اردو ترجمہ پیش کیا تھا، جسے ڈاکٹر شرف الدین ساحل نے سب سے قدیم ترجمہ قرار دیا ہے۔ ‘‘(ناگپور میں اردو کا ارتقائی سفر، ص:۱۷،۱۹)
اس طرح ڈاکٹر صاحب نے فاضلانہ تحقیق سے اپنے مضمون میں یہ بات ثابت کی ہے کہ ناگپور کا پہلا شاعر پیم چند نہیں عاصی ہے۔ یہیں سے ان کے تعارف میں یہ لکھا جانے لگا کہ موصوف نے ناگپور کے پہلے شاعر کی دریافت کی۔ میں بہت ہی احترام کے ساتھ اس تحقیق کے سلسلے میں کچھ عرض کرنا چاہتا ہوں۔
(۱) میں نے اپنی کتاب ناگپور میں اردو کا ارتقائی سفر میں پیم چند کو قطعی طور سے ناگپور کا پہلا شاعر قرار نہیں دیا ہے بلکہ بہت احتیاط سے یہ لکھا ہے:
’’کافی تلاش کے بعد برہان شاہ کے دربار سے منسلک ایک شاعر لالہ پیم چند کے ترجمہ شاہ نامہ کے ایک قلمی نسخے کا پتہ چل سکا ہے اور یہی ہماری اب تک کی تحقیق کے نتیجے میں ناگپور کا پہلا شاعر قرار پاتا ہے۔ ‘‘ (ناگپور میں اردو کا ارتقائی سفر،ص:۱۵)
(۲) ڈاکٹر صاحب کے مضمون سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ عاصی نے صفات الانبیاء کا سالِ تصنیف ۱۲۱۲ھ(۱۷۹۸ء۔ ۱۷۹۷ء) کتاب میں موجود باب بعنوان ’’دربیان مرتب کتاب‘‘ میں اس طرح بتایا ہے:
جب صفات الانبیاء کیا تمام
سن تھا بارہ سو پہ بارہ سال عام
جب مرتب میں کیا نامہ کمال
سن تھا بارا (سو کے اوپر بارا سال)
(۳) ڈاکٹر صاحب کے مضمون سے یہ بات بھی ظاہر ہوتی ہے کہ اس کتاب میں ’’در بیان شہر ناگپور‘‘ کے عنوان سے ایک علاحدہ باب ہے۔ اس میں عاصی نے مرہٹہ راجہ رگھو جی بھوسلہ ثانی (ف:۱۸۱۶ء) کے بعد راجہ بہرام شاہ (ف:۱۸۲۱ء) کی اس طرح تعریف کی ہے:
شہر کے ظلّہ میں دیو گڑھ تخت گاہ
فلک درجہ راجۂ بہرام شاہ
راج میں اس کے رعیت پر امن
واں کی سب خلقت جوں مانندِ چمن
ان شعروں سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ عاصی کی کتاب صفات الانبیاء کا تعلق راجہ بہرام شاہ کے دور (۱۷۹۶ء۔ ۱۸۲۱ء) سے ہے۔
(۴) ڈاکٹر صاحب کے مضمون سے یہ بات بھی معلوم ہوتی ہے کہ کتاب صفات الانبیاء کے قلمی نسخے کا آخری صفحہ ناقص ہے۔ نیز مضمون میں کہیں ترقیمہ نہیں ملتا۔ شاید ترقیمہ مخطوطہ میں نہ ہو۔
(۵) اس مخطوطہ کے مقابلے میں پیم چند کے مخطوطہ کے آخر میں کتاب کا سال تصنیف اور نقلِ مخطوطہ کا سال واضح طور سے ملتا ہے۔ دیکھئے:
مجھے کچھ نہ لینا ہے کس کے کنیں
مگر نام باقی رہے دور میں
ہجر کی تھی بارہ سی اور سات سن
۱۲۰۷ھ
بنایا نئی داستاں تھی کہن
برس پانچ کر کے مشقت تمام
شہر ناگپور میں کیا اختتام
ان شعروں کے فوراً بعد ترقیمہ کی یہ عبارت ہے:
’’کتاب ترجمہ شاہ نامہ تصنیف لالہ پیم چند کائست کاتب الحروف خود، بتاریخ نوزدہم ربیع الثانی ۱۲۱۴ھ زینت سطریافت۔ ‘‘(ناگپور میں اردو کا ارتقائی سفر،ص:۱۹)
ان تفصیلات سے یہ بات صاف معلوم ہوتی ہے کہ پیم چند نے ترجمہ شاہ نامہ کو راجہ برہان شاہ کے دور (۱۷۳۸ء۔ ۱۷۹۶ء) میں ۱۲۰۷ھ(۹۲۔ ۱۷۹۳ء) میں پانچ برس کی مشقت کے بعد مکمل کیا تھا۔ اس نے اس مخطوطہ کو ۱۹ ربیع الثانی ۱۲۱۴ھ (ستمبر ۱۷۹۹ء) کو نقل کر کے پورا کیا تھا۔
ڈاکٹر صاحب کو یہیں دھوکا ہوا ہے۔ انھوں نے نقل مخطوطہ کے سال کو بنیاد بنا کر فیصلہ کیا ہے۔ ان کی نظر سال تصنیف تک نہ پہنچ سکی۔ حالانکہ کتاب میں سال تصنیف وہیں موجود ہے۔
(۶) کتاب ترجمہ شاہ نامہ کے آغاز میں موجود راجہ برہان شاہ کے عنوان سے گونڈ راجاؤں کی عمومی اور برہان شاہ کی خصوصی مدح سے بھی اس سچائی کو تقویت پہنچی ہے کہ پیم چند نے ترجمہ کا کام راجہ برہان شاہ کی زندگی میں مکمل کیا تھا۔ اس سے یہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ اس کا برہان شاہ کے دربار سے تعلق تھا۔
جبکہ عاصی کی کتاب میں موجود راجہ بہرام شاہ کی مدح اس حقیقت کی تصدیق کرتی ہے کہ عاصی نے اس کام کو راجہ بہرام شاہ کے دور (۱۷۹۶ء۔ ۱۸۲۱ء) میں ۱۷۹۷ء اور ۱۷۹۸ء کے مابین مکمل کیا تھا، اس لئے کہ بہرام شاہ اپنے باپ برہان شاہ کے انتقال (۱۷۹۶ء) کے بعد مسند نشین ہوا تھا۔
ان حقائق کی روشنی میں یہ بات برملا کہی جا سکتی ہے کہ پیم چند کا ترجمہ شاہ نامہ، راجہ برہان شاہ کے دور (۱۷۳۸ء۔ ۱۷۹۶ء) سے تعلق رکھتا ہے۔ جبکہ عاصی کی صفات الانبیاء اس کے بیٹے راجہ بہرام شاہ کے دور(۱۷۹۶ء۔ ۱۸۲۱ء) سے تعلق رکھتی ہے۔ لہٰذا میں پھر یہی کہوں گا کہ اب تک کی تحقیق کے نتیجے میں لالہ پیم چند ناگپور کا پہلا شاعر قرار پاتا ہے۔ عاصی ناگپوری کو پہلا شاعر قرار دینا بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔
میری کتاب ناگپور میں اردو کا ارتقائی سفر ۱۹۹۳ء میں شائع ہو کر منظر عام پر آئی۔ اس کے تین سال بعد ۱۹۹۶ء میں عاصی کی صفات الانبیاء دستیاب ہوئی اس لیے یہ ناگپور کی ادبی تاریخ میں ایک قیمتی اضافہ ہے۔ جب ڈاکٹر سید عبد الرحیم صاحب نے مجھ کو اپنے مضمون کی اشاعت کے بعد اس کی زیراکس کاپی دی تومیں نے بھی اس کا گہرائی سے مطالعہ کیا۔ اس کی ابتدا حمد و نعت سے ہوئی ہے۔ اس کے بعد در بیان حضرت محمد مصطفیﷺ کا عنوان ہے۔ اس کے تحت نبی کریم ﷺ کے حالات بیان کیے گئے ہیں۔ پھر علاحدہ علاحدہ عنوانات کے تحت حضرت ابوبکر صدیقؓ، حضرت عمر فاروقؓ، حضرت عثمان غنیؓ، حضرت علیؓ، حضرت امام حسنؓ، حضرت امام حسینؓ، حضرت امام زین العابدین، حضرت امام باقر، حضرت امام جعفر صادق، حضرت امام موسیٰ کاظم، حضرت امام علی موسیٰ رضا، حضرت امام تقی، حضرت امام نقی، حضرت امام عسکری، حضرت امام مہدی آخرالزماں اور حضرت پیر محی الدین (شیخ عبدالقادر جیلانی) کے حالات قلمبند کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں نام، کنیت، لقب، والدین کے نام، تاریخ و مقام پیدائش، تاریخ و مقام وفات اور اہل و عیال کو خصوصیت سے نمایاں کیا گیا ہے۔ حمد و نعت و مناقب کا یہ سلسلہ ص:۲۰ پر تمام ہوتا ہے۔ اس کے فوراً بعد عنوان در بیان مرتب کتاب ہے۔ ا س سے کتاب کے سلسلے میں مفید معلومات حاصل ہوتی ہیں۔ دیکھئے چند شعر :
حق تعالیٰ نے سرایا ہے جسے
صفت اس کرنے کی ہے طاقت کسے
بہت لکھ لکھ کر گئے ہیں عاقلاں
وہ موافق عقل کے اپنی بیاں
سب سوں کمتر ہے غریب عاصی فقیر
جن کیا تصنیف ای دفتر حقیر
چند روز اختیار میں گوشہ کیا
عاقبت کا اپنی میں توشہ کیا
جب مرتب میں کیا نامہ کمال
سن تھا بارا (سو کے اوپر بارا سال)
ان شعروں کے دونوں مصرعوں کے بیچ میں یہ شعر بھی ہے:
جب صفات الانبیاء کیا تمام
سن تھا بارہ سو پہ بارہ سال عام
پھر در بیان شہر ناگپور کا عنوان ہے۔ اس کے تحت عاصی لکھتے ہیں :
ہے دکن میں ایک بستی بھاگپور
سو عجب نادر شہر ہے ناگپور
رگھو جی راجہ بہادر نام کا
ہے مہاراجہ مطیع اسلام کا
بہت خوبیوں سات وہ راجا اہے
فیض رس، داتار، پرکاجا اہے
جس طرف جاتا ہے وہ کر کر مہیم
کیا ہے طاقت سامنے ٹھہرے غنیم
شہر کے ظلّہ میں دیو گر تخت گاہ
فلک درجہ راجۂ بہرام شاہ
راج میں اس کے رعیت پُر امن
وہاں کی سب خلقت جوں مانند چمن
دیو گر کے ہے درختوں پر بہار
ناگپور کے نیک بختوں پر بہار
ہے اسی ظلّہ کا یہ عاصی حقیر
گھر ہے سارا ناگپور کا ہے فقیر
جو یکایک آگیا دل میں خیال
شوق نے میرے کیا دل میں ابال
جو قصص الانبیاء ہے فارسی
اس کو ہندی میں کروں جوں آرسی
سن محباں سب کریں حاصل ثواب
گر ہو ویے ہندی زباں میں یہ کتاب
نام رکھا ہے صفات الانبیاء
کھول کر تصنیف دکھنی میں کیا
جو بنی جس شہر میں اترا کہی
وہاں کی بولی میں ہوئی نازل وحی
فارسی، عربی، عجائب بولیاں
نظم کر ہندی میں اس کو کھولیاں
ہے فقیر عاصی رئیس ناگپور
ذات قالیں باف، ہر فن کا ضرور
عاصی نے اس باب میں پہلے ناگپور کے دو راجاؤں :راجہ رگھو جی بہادر اور راجہ بہرام شاہ کی تعریف کی ہے۔ ان میں ایک کام کا راجہ تھا اور ایک نام کا۔ ہوا یہ کہ ناگپور شہر کی بنیاد حکومت دیو گڑھ کے ایک نومسلم گونڈ راجہ بخت بلند شاہ نے اٹھارویں صدی عیسوی کے آغاز میں ڈالی تھی اور اپنا پائے تخت دیو گڑھ سے ناگپور لے آیا تھا۔ دیو گڑھ، چھندواڑہ (ایم پی) سے انچالیس کلومیٹر دور واقع ہے۔ اکبر اعظم کے دور میں اس علاقے کے ایک طاقتور زمیندار جاٹبا نے یہاں اپنی حکومت قائم کی جو نربدا ندی سے وین گنگا اور وردھا ندی تک پھیل گئی تھی۔ اس میں ناگپور کا علاقہ بھی شامل تھا۔ بخت بلند شاہ ، راجہ جاٹبا شاہ کا پوتا اور اور نگ زیب کا معاصر تھا۔ اس کی وفات (۱۷۰۹ء) کے بعد اس کا بیٹا چاند سلطان تخت نشین ہوا۔ اس نے ۱۷۳۵ء میں رحلت فرمائی۔ چاند سلطان کی رحلت کے بعد اس کے خاندان میں تخت نشینی کے لیے جو کشمکش ہوئی اس کا فائدہ ایک مرہٹہ سردار رگھو جی بھوسلہ(اول) کو ملا اور وہ راجہ بن گیا۔ اس نے راجہ چاند سلطان کے بیٹے برہان شاہ کو راجہ کا درجہ دے کر اپنے محل سے متصل واقع اس قلعہ میں رکھا جو راجہ جاٹبا کا بنوایا ہوا تھا۔ وہ اس کے اخراجات کے لیے تین لاکھ روپئے سالانہ پنشن دیتا رہا۔ یوں ناگپور دو راجاؤں کا مسکن رہا۔ رگھو جی اول کے انتقال کے بعد جانو جی، مادھو جی اور رگھو جی بھوسلہ ثانی یکے بعد دیگرے راجہ ہوئے۔ راجہ برہان شاہ کی وفات کے بعد راجہ بہرام شاہ مسندنشین ہوا۔ یوں عاصی کو رگھو جی بھوسلہ ثانی اور راجہ بہرام شاہ کا زمانہ ملا۔ اس باب میں شامل اشعار سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ عاصی نے فارسی کتاب قصص الانبیاء کا دکھنی / ہندی میں ترجمہ کیا ہے۔ عاصی کا شمار رئیسوں میں تھا۔ وہ ذات کا بنکر تھا اور اسے قالین سازی میں مہارت حاصل تھی۔ یہ علم بھی ہوتا ہے کہ شہر کے ظلّہ(سائبان) میں (یعنی قلعہ میں جہاں دیو گر(دیوگڑھ) کے تخت پر راجہ بہرام شاہ بیٹھا ہوا تھا) اس کا رہائشی مکان تھا۔ گویا راجہ بہرام شاہ کے دربار سے اس کا تعلق تھا۔
اس باب کے بعد ص:۲۲سے اصل کتاب شروع ہوتی ہے۔ اس کا آغاز نور مخفی(نور محمدیؐ) سے ہوتا ہے۔ بعد ازاں تخلیق کائنات، تخلیق آدمؑ، خلقت حوا اور دونوں کا جنت سے زمیں پر آنے تک کا بیان ہے۔ پھر حضرت شیثؑ، حضرت ادریسؑ،حضرت نوحؑ، حضرت ہودؑ، حضرت صالحؑ، حضرت ابراہیمؑ، حضرت لوطؑ، حضرت اسمٰعیلؑ، حضرت اسحاقؑ، حضرت شعیبؑ، حضرت موسیٰؑ، حضرت ہارونؑ، حضرت یوشعؑ، حضرت طالوتؑ، حضرت داؤدؑ، حضرت سلیمانؑ، حضرت زکریاؑ، حضرت یحییٰؑ، حضرت مریمؑ، حضرت عیسیٰؑ کے حالات اور ان کے عہد کے اہم واقعات تفصیل سے ملتے ہیں۔ حضرت عیسیٰؑ کے بعد حضرت خضرؑ و الیاسؑ، حضرت شمعونؑ، حضرت یونسؑ، حضرت لقمانؑ، حضرت جرجیس پر اجمالی روشنی ڈالی گئی ہے۔ آخر میں باب قصہ از آدم تا آخر الزماں ؑ بہت ہی مختصر ہے۔ بعد ازاں قصہ اصحاب کہف ہے جو نا مکمل ہے اور اسی پر مخطوطہ تمام ہوا ہے۔ یوں یہ ناقص الآخر ہے۔ اس کے ابتدائی چھ اوراق بھی جگہ جگہ سے پھٹ چکے ہیں اس لیے اکثر اشعار ناقص ہو گئے ہیں۔ کتاب کے بعض اوراق بھی بے ترتیب ہیں جس کی وجہ سے کافی پریشانی ہوتی ہے۔
جیسا کہ بیان کیا جا چکا ہے کہ عاصی نے قصص الانبیاء کا منظوم ترجمہ دکھنی/ہندی میں کیا ہے۔ اس کا نمونہ دیکھئے۔ حضرت عیسیٰؑ کی پیدائش کا بیان ہے:
اوس وقت پیدا ہوئے عیسیٰ نبی
روشنی دو جگ منے ہو گئی سبی
نور سے جنگل سبی روشن ہوا
سب وہ خارستان کا گلشن ہوا
جہار خرمے کا ہوا سوکا ہرا
سب نکل شاخاں کھجوروں سوں بھرا
ناگہانی فیض ربانی ہوا
اوس جگا اوپر رواں پانی ہوا
کر کے بسم اللہ نہلایا اوسے
پیرہن اور تاج پہنایا اوسے
کر کے اوس اوپر شفقت پیار زود
گود میں لے کر پلایا اوس کو دود
بول اوٹھے عیسیٰ وحی لایا ہوں میں
حق کا اب بھیجا ہوا آیا ہوں میں
اپنے دل میں ہو رہو تم شاد اب
میں تمے دیؤں مبارکباد اب
سن کے وہ بی بی بہت خوشنود ہو
جب اوٹھی دل میں خوشحالی زود ہو
جب ندا آیا نہ ہو دل گیر اب
دیکھ لے تلّے بھرا ہے نیر اب
عرش و کرسی میں رہے ہو شاد سب
تجھ کو دیتے ہیں مبارکباد سب
کر ایشارہ اپنے بیٹے کو بتا
کھا رطب آنکھوں کو اپنے دی ضیا
کھا کے خرما بہت بی بی نے سرائی
بر میں اپنے لیکے بالک کو کھلائی
لیکے لڑکا اپنے گھر کو آئی جب
لوگ یوں کرنے لگے بد گوئی سب
کام اے بی بی کری تو نے برا
نہیں ہے گن یہ نیک بختی کا ذرا
نہیں تھا تیرا باب بدکاری منے
اور نہ تھی ماں تیری بدکاری منے
تو بدی کرنی نہیں شرمائی اب
کس کا لڑکا لے بغل میں آئی اب
بی بی مریم بات اون لوگوں کی پائی
جب اشارہ کر وہ بیٹے کو بتائی
لوگ تب بولے وہ لب کیوں کھولے گا
کیوں وہ فی المھدِ صبیا بولے گا
بات اتنی سن کے روح اللہ کہے
میں تو بندہ ہوں نبی اللہ کہے
دی نبوت وحی بھیجا ہے مجے
پند حق مادمتُ حیّا ہے مجے
عاصی اور اس کی تصنیف صفات الانبیاء ناگپور کی ادبی تاریخ میں ایک اہم اضافہ ہے۔ یہ اضافہ ڈاکٹر سید عبدالرحیم صاحب نے کیا ہے۔ موصوف اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ بہت مخلص اور نیک صفت انسان تھے۔ مجھ سے دلی محبت رکھتے تھے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انھیں غریق رحمت کرے۔
*****
مصنف اور ناشر کے شکریے اور اجازت سے
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
جراحت افکار
ڈاکٹرمحمدشرف الدین ساحل
تنقیدی مضامین
شاہدکبیرکی پہچان
سائنسی علوم کی ترقی، مادیت کی برتری، روحانیت کوکچلنے کی سازش، معاشی بحران سے پیدا ہونے والے حالات اورجنسی بے راہ روی نے نئی شاعری کے لیے زمین ہموارکی۔اس کو ۱۹۶۰ء کے بعد بیشتر جدیدتعلیم یافتہ نوجوانوں نے اپنے خیال کے اظہار کا ذریعہ بنایا۔ پھر ہوایہ کہ کچھ خبط الہواس، ناقص العقل اور بے مقصد زندگی گزارنے والے بھی اس صف میں در آئے۔ ان سب نے اپنی اپنی سوچ کے مطابق نئی شاعری کے نام سے اپنے تجربے، مطالعے اورمشاہدے کارس ٹپکایااوراس میں جھلاہٹ، جنجھلاہٹ، مایوسی اوربیزاری کی کڑواہٹ تھوکی، نتیجہ یہ نکلاکہ گزشتہ چاردہوں کے بیچ منتشر خیالات کااس قدر ذخیرہ کتابی صورت میں سامنے آیاکہ بعض اچھے شاعروں کی فکراس ہنگامے میں گم ہوگئی اوراب توانا پسند طبیعتوں کی تخلیق کردہ یہ نئی شاعری بھی چراغ سحری کی طرح آخری سانس لے رہی ہے۔ اسی نے مابعد جدیدیت کاسوال پیداکیا ہے۔
شاہد کبیر اسی نئی شاعری کے اپنے قدوقامت کی طرح ایک قدآور شاعر تسلیم کئے گئے ہیں ۔ ان کی شاعری کاپہلا مجموعہ مٹی کامکان ۱۹۷۹ء میں منصہ شہود پرآیاتھا۔ اب پہچان شائع ہے(۱۹۹۹ء)۔ جس میں مٹی کے مکان میں موجودتمام کلام بھی شامل ہے۔ گویاپہچان میں ان کے خیال کی وہ ساری کسک ہے جسے وہ ۱۹۶۰ء کے بعد لگاتے رہے ہیں ۔ وہ ساری کمائی ہے جواس پورے دورمیں انھوں نے کی ہے۔
ان کی شاعری کاتجزیہ کرنے پرپتہ چلتاہے کہ وہ ایک ایسے جدیدیانئے شاعرہیں جو قدیم طرزواسلوب کانہ صرف احترام کرتے ہیں بلکہ اس سے استفادہ بھی کرتے ہیں ۔ اگرچہ اپنی بات کہنے کے لیے بیشتر علامت کاسہارالیتے ہیں لیکن اسلوب و لفظیات کے معاملے میں کلاسیکل طرزکوہی محبوب جانتے ہیں ۔ وہ میرتقی میر کی طرح سادہ، سہل اور آسان لفظوں میں شعرکہنے کے عادی ہیں ۔ ان کاپورا کلام دیکھ لیجئے انھوں نے کہیں بھی لغت کااحسان نہیں اٹھایاہے۔ یہاں اس کے ثبوت میں ان کی صرف ایک غزل نقل کی جاتی ہے:
دعا دو ہمیں بھی ٹھکانہ ملے
پرندو تمہیں آشیانہ ملے
طبیعت سے مجھ سے ملیں میرے دوست
مرے دوستوں سے زمانہ ملے
سمندر تری پیاس بجھتی رہے
بھٹکتی ندی کو ٹھکانہ ملے
ترستا ہوں ننھے سے لب کی طرح
تبسم کا کوئی بہانہ ملے
ملے اس طرح سب سے شاہد کبیر
کوئی دوست جیسے پرانا ملے
شاہد نے جوعلامتیں استعمال کی ہیں ان میں ساحل، پانی، موج، دریا، ریت، سمندر، چہرہ، شہر، پتھر، سورج ، صحرا، دھوپ، دیوار اورگھرکواہمیت حاصل ہے۔ انھوں نے ان علامتوں کواپنے شعروں میں اس خوبی کے ساتھ برتاہے کہ انھیں طاقت گویائی مل گئی ہے۔ ایک محاکاتی شعرہے۔ کوئی شاہد کانام ریتیلی زمین پر لکھ کرمٹادیتاہے لیکن وہ یقین کی اس منزل پہ ہیں :
میں جنبش انگشت میں محفوظ رہوں گا
ہر چند مجھے ریت پہ تو لکھ کے مٹادے
ممکن ہے اس شعرکوہوس پسندکچھ اورمفہوم دیں لیکن یہ سورج کی علامت سے اس قدر جامع ہوگیاہے کہ محاکاتی شاعری کااعلانمونہ بن گیاہے:
کچھ تو ہو رات کی سرحد میں اترنے کی سزا
گرم سورج کو سمندر میں ڈبویاجائے
عصرحاضر میں انسان کی زندگی کاجوحال ہے۔ کیااس سے بہتر اس کی تمثیل ہوسکتی ہے:
جورنگ بھردو، اسی رنگ میں نظر آئے
یہ زندگی نہ ہوئی، کانچ کا گلاس ہوا
شاہد زندگی سے بیزارجدیدیے نہیں ہیں ۔ اپنادامن چاک کرکے سڑکوں پرگھومنا انھیں گوارانہیں ۔ بلکہ کوئی بھی حالت ہواپنے گھرسے رشتہ استوار رکھتے ہیں ۔ یہ ان کے تہذیب نفس کی دین ہے کہ انھوں نے اس پرانتشار دورمیں بھی اس کاپورا خیال رکھا ہے۔ وہ دن کے ہنگاموں میں جی بھرکے بھٹکتے رہنے کے باوجود بھی رات ہوتے ہی گھر لوٹنے کی سوچتے ہیں :
دن کے ہنگاموں میں جی بھرکے بھٹک لوشاہد
رات ہوتے ہی تمہیں لوٹ کے گھر جاناہے
یہ نتیجہ ہے ایک ایسی سوچ کاجوایک شریف النفس انسان کے ضمیر سے تعلق رکھتی ہے۔ جو اپنے خاندان کوہی دوسروں پرفوقیت دتیاہے:
باندھ رکھا ہے کسی سوچ نے گھر سے ہم کو
ورنہ اپنا درو دیوار سے رشتہ کیا ہے
جودن بھرشہر ہوس میں رہنے کے باوجود، رات کے وقت اپنے گھر کا خیال کرنے لگتا ہے:
شہر ہوس میں دن کا ڈوبا سورج ہوں میں
رات ہوتے ہی اپنے گھرمیں نکل آؤنگا
شاہد کے یہاں اس قسم کی علامتیں معنی خیز ہیں ۔ وہ ان کی مددسے جو خیالات پیش کرتے ہیں ان میں گہرائی وگیرائی ہوتی ہے۔ وہ قاری کو سوچنے پرمجبور کرتے ہیں ۔ یہاں اس قبیل کے چند شعراورنقل کیے جاتے ہیں :
بنے گا عکس جو پانی میں ، ٹوٹ جائے گا
اس آئینے کو بہت ہی سنبھال کر رکھنا
خوف سورج کی تمازت کا، نہ سائے کا ملال
کانچ کا گھر ہے مرا، دھوپ، نہ چھاؤں والا
اندر کا سکوت کہہ رہا ہے
مٹی کا مکان بہہ رہا ہے
اس سے ساحل پہ تڑپنا مرا دیکھا نہ گیا
موج اک کرگئی طوفاں کے حوالے مجھ کو
سروں کو ریت کے اندر چھپائے بیٹھے ہیں
ہے سب کو خوف یہاں اپنی اپنی جانوں کا
ابھی کہاگیاہے کہ شاہد کوتہذیب نفس اورشرافت بے انتہا عزیزہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب وہ اسے تارتار دیکھتے ہیں توان کی آنکھیں بے انتہا غصے سے سرخ ہوجاتی ہیں اور ان کا غصہ ان کی آنکھوں سے لہوبن کر اس طرح ٹپکتاہے:
آج ہم بچھڑے تو پھر کتنے رنگیلے ہوگئے
میری آنکھیں سرخ تیرے ہاتھ پیلے ہوگئے
اب تری یادوں کے نشتر بھی ہوئے جاتے ہیں کند
ہم کو کتنے روز اپنے زخم چھیلے ہوگئے
اب کوئی امید ہے شاہد نہ کوئی آرزو
آسرے ٹوٹے تو جینے کے وسیلے ہوگئے
زبردست حادثے کے بعدبھی یہ عزم شاہد کی زندہ دلی کی علامت ہے۔ آخرتقدیر بھی تو کوئی چیزہے۔ اسی لیے تو وہ اپنے ساتھی کویہ مشورہ دیتے ہیں :
عجب سکون سا ملتا ہے نامرادی میں
جو میرا حال ہے وہ اپنا حال کر دیکھو
شاہد گناہ اوراس کے نتائج سے پوری طرح باخبرہیں ۔ اس لیے وہ وادی ہوس تک پہنچ کر باربار واپس آتے ہیں ۔ ان کایہ فتویٰ ہے:
وہ شخص جو دیتاہے گناہوں کی گواہی
اس کو بھی برابر کا گنہگار سمجھنا
بھلا جو شخص یہ جانتاہووہ پاکیزہ نہیں تو اورکیاہوگا۔ شاہد یہ بھی جانتے ہیں کہ جوموج عصیاں میں غرق ہوجائے اس کو باہر نکالنا ممکن نہیں ہے:
مچھلی نہیں کہ ڈال کے کانٹا نکال لو
اس کو نگل چکا ہے سمندر گناہ کا
ا س لیے ان کی صفائی قلب پر شک نہیں کیاجاسکتا۔ اسی صفائی قلب نے ان سے اس قسم کے شعرکہلوائے:
پیار سے جتنی گزر جائے غنیمت ہے یہاں
لفظ کو دھار نہ دے بات کو خنجر نہ بنا
بھیک پانے کیلیے دست طلب کافی ہے
مانگنے والے کا رتبہ نہیں دیکھا جاتا
کچھ تو رکھو کسی سے تعلق کے واسطے
یوں بے ثمر رہوگے تو پتھر نہ آئے گا
اپنے حق میں کوئی کچھ بھی نہیں کرنے والا
دے کے خیرات فقیروں کی دعا لی جائے
فطرت میں قناعت ہوتو اچھا سا لگے ہے
کاسے میں پڑا سنگ بھی سکہ سا لگے ہے
اسی نے شاہد کوعشق ومحبت کے اتنے لطیف آداب سکھائے کہ وہ ایک ایسے محبوب کے گرویدہ ہوئے جس کی شکل وصورت کوتصویر کی گرفت میں لاناان کے لیے ناممکن ہوگیا:
بہت دنوں سے ہے اک عکس میری آنکھوں میں
مگر میں اس کو کوئی شکل دے نہیں سکتا
جوانھیں خواب میں اکثر دکھائی دیتاہے لیکن عالم بیداری میں اس کو پاناان کے لیے دشوار ہوگیا:
کہاں ہے، کون ہے، اس کاکوئی وجود بھی ہے
جو خواب میں مجھے اکثر دکھائی دیتا ہے
گویا ان کا عشق اذیت ناک ہے۔ روحانی کرب کاباعث ہے۔ وہ ایسے محبوب کی یاد میں سزاکاٹ رہے ہیں جس کابظاہر کوئی وجود نہیں ہے:
جاکے ملتا ہوں ، نہ اپنا ہی پتہ دیتاہوں
میں اسے ہی نہیں خود کو بھی سزا دیتا ہوں
اس تناظر میں شاہد کی یہ غزل دیکھئے۔ کس قدر معنی خیزہے۔ اس کے شعروں میں کم و بیش وہی جذبہ ملتاہے جس کا ذکراوپر کیاگیاہے۔ یہاں بھی وہی سوال ہاتھ باندھے کھڑا ہے:
کہاں ہے، کون ہے، اس کاکوئی وجود بھی ہے
غزل دیکھئے:
وہ اپنے طور پہ دیتا رہا سزا مجھ کو
ہزار بار لکھا اور مٹا دیا مجھ کو
خبر ہے اپنی، نہ راہوں کا کچھ پتہ مجھ کو
لئے چلی ہے کوئی دور کی صدا مجھ کو
اگر ہے جسم تو چھوکر مجھے یقین دلا
تو عکس ہے تو کبھی آئینہ بنا مجھ کو
چراغ ہوں مجھے دامن کی اوٹ میں لے لے
کھلی ہوا میں سر راہ مت جلا مجھ کو
تمام عمر میں سایہ بنا رہا اس کا
اس آرزو میں کہ وہ مڑ کے دیکھتا مجھ کو
عشق ومحبت کایہ راستہ تکلیف دہ ہے۔ اس پہ وہی ثابت قدم رہ سکتاہے جس میں صبر و شکر کی قوت ہو۔ جوحوصلہ مندہو اوراذیت کوبرداشت کرنے کی سکت رکھتاہو۔ چندشعر اوردیکھئے۔ ان میں بھی وہی جذبہ، تڑپ، تکلیف اوراحساس ملتاہے:
میں ترے لمس کے احساس میں ڈھل جاؤنگا
دور سے دیکھ لے چھوکر مجھے پتھر نہ بنا
وہ شخص دور سے کتنا قریب لگتا تھا
گلے لگا ہے تو اک فاصلہ سا لگتا ہے
قریب ہم ہی نہ جب ہوسکے تو کیا حاصل
مکان دونوں کا ہر چند پاس پاس ہوا
جیسے گل ہوتی چلی جائے چراغوں کی قطار
جب کوئی روٹھ کے جاتا ہوتو منظر دیکھو
لیکن اس قدر لطیف احساس وخیال رکھنے والا شاعربھی مطالعہ کی رومیں ہوس کے دلدل میں جاگرااورنفس امارہ سے بری طرح شکست کھاکر اس منزل پہ جاپہنچا جہاں انسان عتاب کاشکارہوتاہے۔ دراصل یہ ایک سچائی ہے کہ بعض انسان سیماب فطرت ہوتے ہیں ۔ وہ اپنی اناکی تسکین کے لیے ذائقہ بدلتے رہتے ہیں ۔ وہ ایک جیسی چیز سے مطمئن نہیں ہوتے بلکہ سائیکل سے کود کر لوناپہ اورلونا سے کودکر اسکوٹر پر چڑھتے ہیں ۔ یہاں بھی انھیں قرارنہیں آتا۔ قرارکہاں سے آسکتاہے۔ ان کاایمان تومادے ر ہے۔ یہی مادیت منظرنامے کوتیزی سے بدلتی ہے اوریہ نتیجہ سامنے آتاہے:
فضا بدلنے کی رفتار کا یہ عالم ہے
ذرا جو دیر ہوئی گھر نیا سا لگتا ہے
اسی تلون مزاجی نے شاہد سے اس قسم کے شعرکہلوائے جوان کی معتوبی کاباعث ہیں ۔ یہ صحت مندہیں بلکہ مریضانہ سوچ کے عکاس ہیں :
بج گئے رات کے دو اب تو وہ آنے سے رہے
آج اپنا ہی بدن اوڑھ کے سویا جائے
دن میں سمٹا ہوا رہتا ہے بدن میں اپنے
رات ہوتے ہی وہ بستر کی طرح کھلتا ہے
بارش میں بھیگنے کا مزہ اس کو آگیا
کپڑوں کے ساتھ ساتھ بدن کو نچوڑ کے
کچھ تو اپنی بھی طبیعت کا پتہ دینا تھا
اس نے جب ہاتھ ملایا تھا دبا دینا تھا
رات بھر شاہد کوئی پہلو میں تھا
آپ نے کروٹ ہی کوئی لی نہیں
شاہد کی فکری نشوونما معاشی ان کے بیچ ہوئی ہے۔ اس لیے ان کے یہاں اس کی جو تصویریں ملتی ہیں ۔ وہ انتہائی کربناک ہیں ۔ وہ یہ بتائی ہیں روحانیت پرمادیت کی فتح معاشی بدحالی کے سبب کس طرح ہوتی ہے یامسلسل غم انسان کوکس طرح مردہ ضمیر کردیتا ہے۔ صرف دوشعر:
ان کو بھی بہا لے گئے ناقوس ملوں کے
جو صبح کو جاگے تھے موذن کی صدا سے
مغموم بھی اتنے کہ کوئی غم نہیں باقی
محروم بھی ایسے کہ طلب تک نہیں معلوم
ان کے یہاں عصری حسیت بھی جگہ جگہ ملتی ہے۔ انھوں نے حقائق کوشعر کے پیکرمیں اس خوبی سے ڈھالاہے کہ منظرنگاہوں کے سامنے گھومنے لگتا ہے۔ چندشعر:
جتن ہزار کیے ہر لباس میں پھر بھی
وہ جسم ہے کہ برابر دکھائی دیتا ہے
تما م شہر میں رونق بلا کی ہے ، لیکن
ہر اک چراغ کا چہرہ بجھا سا لگتا ہے
کیا وقت پڑا ہے آدمی پر
سائے سے لپٹ کے رو رہا ہے
یہی وہ حقائق ہیں جوان کے نام کو اردوشاعری میں زندہ رکھیں گے اور نئی شاعری میں ان کے شاعرانہ مرتبے کاتعین کرنے میں معاون ومددگار ثابت ہوں گے۔
مطبوعہ:ماہنامہ اردومیلہ، ناگپور، جون ۲۰۰۲ء
***
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)