اردو شاعری و کلام

گزری ساعتوں کی روشنی

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (1,757 الفاظ)

گزری ساعتوں کی روشنی

خالد شریف

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

تم نے بھی کون سا چاہا تھا مجھے

تم نے بھی کون سا چاہا تھا مجھے
میری باتیں بھی غلط میرے ارادے بھی غلط
بے وفائی کا یہ خود ساختہ الزام بھی تسلیم مجھے
یہ بھی مانا کہ غم دہر جواں تھا تو غم جاں کو مری آنکھ کے آنسو نہ ملے
جب زمانوں کی یہ بے مہر ہوائیں مری سوچوں کو جلا دیتی ہیں
میں سوچتا ہوں
جب کبھی اپنی جفائیں مجھے خود اپنی نظروں میں گرا دیتی ہیں
میں سوچتا ہوں
تم نے بھی کون سا چاہا تھا مجھے۔
٭٭٭

اسے تو کھو ہی چکے پھر خیال کیا اس کا
یہ فکر کیسی کہ اب ہو گا حال کیا اس کا

وہ ایک شخص جسے خود ہی چھوڑ بیٹھے تھے
گھلائے دیتا ہے دل کو ملال کیا اس کا

تمہاری آنکھوں میں چھلکیں ندامتیں کیسے؟
جواب بننے لگا تھا سوال کیا اس کا

تمہارے اپنے ارادے میں کوئی جھول نہ تھا
کہو کہ ملنا تھا ایسا محال کیا اس کا
٭٭٭

شام

جب بچھڑتے ہیں
تو یوں لگتا ہے جیسے جسم کا کوئی حصہ کٹ کر
صدا کرتا ہے
اور جیسے ہوا کی سسکیاں کہتی ہیں
ہاں تم میرے اپنے تھے
جب بچھڑتے ہیں
تو گزری ساعتوں کی روشنی ہم کو بلاتی ہے
فضا کہتی ہے
ہاں تم وہ پرندے ہو جو مجھ میں سانس لیتے تھے۔
٭٭٭

یہی کرو گے کہ اب ہم سے تم ملو گے نہیں
جو بات دل نے کہی تھی اُسے سنو گے نہیں

وہ زخم ڈھونڈ رہا تھا ہنسی لئے لب پر
ہر اک سے پوچھتا پھرتا تھا کچھ کہو گے نہیں

وہ داستاں جسے سنتے تھے روز ہنس ہنس کر
کبھی ہم سے جو سنو گے تو پھر ہنسو گے نہیں

سمجھ رہے ہو کہ کچھ بھی نہیں ہوا خالد
مگر یہ چوٹ ہے ایسی کہ تم بچو گے نہیں
٭٭٭

رخصت ہوا تو بات مری مان کر گیا جو اُس کے پاس تھا وہ مجھے دان کر گیا

بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی اک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا

دلچسپ واقعہ ہے کہ کل اِک عزیز دوست اپنے مفاد پر مجھے قربان کر گیا

کتنی سدھر گئی ہے جدائی میں زندگی ہاں وہ جفا سے مجھ پہ تو احسان کر گیا

خالد میں بات بات پہ کہتا تھا جس کو جان
وہ شخص آخرش مجھے بے جان کر گیا
٭٭٭

زخم رسنے لگا ہے پھر شاید یاد اس نے کیا ہے پھر شاید

سسکیاں گونجتی ہیں کانوں میں گھر کسی کا جلا ہے پھر شاید

حاصل عمر کیا یہی کچھ ہے یہ ابھی سوچنا ہے پھر شاید

در زنداں پہ پھر ہوئی دستک کوئی درد آشنا ہے پھر شاید

پھر پرندے اڑے ہیں شاخوں سے اک دھماکہ ہوا ہے پھر شاید

مسکراتے ہیں دیکھ دیکھ کے لوگ امتحان وفا ہے پھر شاید ٭٭٭

کاش ایسا ہو

کاش ایسا ہو
تو پھرے قریہ قریہ کو بکو میرے لیے
میں تو لا محدود ہو جاؤں سمندر کی طرح
تو بہے دریا بہ دریا جو بہ جو میرے لیے
٭٭٭

بس اب تو خواب کی صورت ہے آرزوئے طرب وہ یاس ہے کہ تمنا محال ہے اب کے

مثال سنگ سر راہ ہم ہیں مہر بلب ستم کشان وفا کا یہ حال ہے اب کے

کسے بتائیں کہ ہم ہیں ہوئے جو کشتہ شب
کہاں نظر کو بھی اذن سوال ہے اب کے

شکست ذات کے انمول ذائقوں کے سبب خیال ہے نہ ہجوم خیال ہے اب کے

نہ زخم جاں کی ضرورت نہ سیل غم کی طلب
کہ میرے پاس جدائی کا سال ہے اب کے
٭٭٭

جب لگیں زخم تو قاتل کو دعا دی جائے
ہے یہی ر سم کہ یہ رسم ا ٹھا د ی جائے

انہی گلرنگ دریچوں سے سحر جھانکے گی
کیوں نہ کھلتے ہوئے زخموں کو دعا دی جائے

ہم نے انسانوں کے دکھ درد کا حل ڈھونڈ لیا
کیا برا ہے جو یہ افواہ پھیلا دی جائے

کم نہیں نشے میں جاڑے کی گلابی راتیں
اور اگر تیری جوانی بھی ملا دی جائے

ہم سے پوچھو کہ غزل کیا ہے غزل کا فن کیا
چند لفظوں میں کوئی آگ چھپا دی جائے
٭٭٭

ایک خط

چمن زادوں سے کہنا
دل نے ایسے زخم کھائے ہیں
وہ صدمے آزمائے ہیں
کہ اب لحنِ ہَوا میں وحشتِ افتادگی ہے
اور نہ اندھی آنکھ خوابوں کو ترستی ہے
چمن زادوں سے کہنا
تم نے وہ باتیں بُھلا دی تھیں
تو اب کیوں دل کو خانوں میں مقیّد کر رہے ہو
جانتے ہو
ہم تو ذوقِ قیدِ ہستی کے پُرانے خوشہ چیں ہیں
جانتے ہو
ہم نے صدیوں کی گراں خوابی کو خود اپنا مقدر کر لیا تھا
جانتے ہو
وحشتِ افتادگی لذّت ہے
اور لذّت تو زخموں کے عقب سے آنے والی
اُس حرارت کو کہا کرتے ہیں
جو صدموں کو کندن کر دیا کرتی ہے
٭٭٭

کزن

آج احساس ہوا ہے مجھ کو
تم نے سر پاؤں پہ رکھ کر میرے
بھیک مانگی تھی رفاقت کی جب
میں نے کچھ بننے کی دھن میں اس وقت
اور کوئی حور اپسرا پانے کے لیے
یا کسی اپنے سے مضبوط گھرانے کے لیے
تم کو تڑپایا تھا ، ٹھکرایا تھا
آخری اپنی ملاقات تھی وہ
حور تو مل گئی مجھ کو لیکن
اس نے قدموں پہ کئی بار جھکایا مجھ کو
ایسے لمحوں میں خدا جانتا ہے
تم کئی بار مجھے ٹوٹ کے یاد آئی ہو
٭٭٭

شبِ تارِ برشگال

وہ سامنے ہے
اور اُس کی آنکھوں میں قربتوں کے چراغ
وہ اپنے ہاتھوں کی انگلیوں میں سلگتی پوروں
کے تند لہجے کو جانتی ہے
وہ جانتی ہے کہ یہ عظیم لمحے اُسے اور مجھے کہاں میّسر ہیں
وہ ثانیوں کی اُڑان کے دَور میں جی رہی ہے
وہ اپسرا نہیں ہے
کہ میرے اور اس کے میان خوابوں کی اور خیالوں کی دھُند ہو
جس کے اس پار میں نہ دیکھوں اور اُس پار وہ نہ دیکھے
کسے فراغت کہ بند آنکھوں سے عمر بھر کوئی
مانوس چاپ ڈھونڈے
کسے یہ فرصت کہ چاند راتوں کی لوریوں سے اُٹھے
شبِ تارِ برشگال دیکھے
٭٭٭

  کیا یہ کافی نہیں

کیا یہ کافی نہیں
کیا یہ کافی نہیں ہے
کہ اُس کنجِ لب سے
کسی مسکراہٹ کا روزن کھُلے
کوئی تازہ ہوا آئے، مہکار برسے
وہ نرگس سی آنکھیں
کبھی اپنا دُکھ بھُول کر مسکرانے لگیں
کھلکھلانے لگیں
وہ شانوں پہ بکھری گھٹائیں
کبھی لہر میں آ کے خوشبو لٹانے لگیں
وہ ہوائیں کبھی گنگنانے لگیں
تو چمن میں کسی برگِ گل پر ہَوا کی کسی موج پر
یا کسی گزرے لمحے کے دامن پر اک ثانیے کے لیے میرا بھی نقش ہو
کیا یہ کافی نہیں ہے
کہ کوئے ہُنر میں
جہاں لفظ جذبوں میں ڈھلتے ہیں
اور رنگ شکلیں بدلتے ہیں
اور مجھ سے پہلے کے لوگوں نے اِک زندگی رات دن
لفظ اور رنگ کا حُسن دریافت کرنے میں تج دی ہے
مجھ بے ہُنر کا کوئی لفظ یا رنگ کی کوئی جنبش
بس اِک ثانیے کو
کسی چاند ماتھے پہ چمکے، کِسی آنکھ میں مسکرائے
وہ ساعت پلٹ کر پھر آئے نہ آئے
٭٭٭

فرات بھی سوچتا تو ہو گا

فرات بھی سوچتا تو ہو گا
یہ لوگ کیا چیز ہیں جو آج اِس سَر زمیں پر اُترے ہیں
ان کے خیمے فجر کے ہوتے ہی یوں اچانک اُبل پڑے ہیں
گزشتہ شب جیسے اپنے دامن کے کچھ ستارے کنارِ دریا پہ رکھ گئی ہو
فرات بھی سوچتا تو ہو گا
یہ کیا ہوا ہے کہ ریگِ دریا بھی ماہ و انجم بنی ہوئی ہے
پرند تہلیل کر رہے ہیں
تو سیپیوں کی تہوں میں موتی
بنامِ ربِ کریم تسبیح پڑھ رہے ہیں
فرات بھی سوچتا تو ہو گا
یہ لوگ کس سر زمیں سے آئے ہیں
ان کے فراخ ماتھوں پہ راستے کی صعوبتوں کی شکن نہیں ہے
یہ لوگ یوں مُطمئن سے بیٹھے ہیں جیسے منزل پہ آ گئے ہوں
فرات بھی سوچتا تو ہو گا
یہ کیسے بچّے ہیں جو نہ گڑیوں سے کھیلتے ہیں نہ آب دریا میں
کاغذی کشتیاں چلاتے ہیں
بس غلافی پلکیں اُٹھا کے بابا کو دیکھتے ہیں زباں سے
کچھ بولتے نہیں ہیں
فرات بھی سوچتا تو ہو گا
علَم اُٹھائے یہ نوجواں کون آ رہا ہے
کہ آج تک ایسا خُوب رو چشمِ آسماں نے کبھی نہ دیکھا
فرات بھی سوچتا تو ہو گا
یہ کیسا کنبہ ہے جس کو کھانے کی فکر ہے اور نہ پانی کی آرزو ہے
تمام افراد یا تو سجدے میں اپنے سر کو جھکائے رکھتے ہیں
یا کبھی کبھی سر اُٹھا کے آسمانوں کو دیکھتے ہیں
فرات بھی سوچتا تو ہو گا
کنارِ دریا سے عرشِ اعظم کی وسعتوں تک یہ کیسا خوش رنگ راستہ ہے
کہ جس کے دونوں طرف فرشتے قطار اندر قطار جیسے
کسی عظیم مہماں کے منتظر ہیں
فرات بھی سوچتا تو ہو گا
٭٭٭

  ایسی اچھّی آنکھیں

ایسی اچھی آنکھیں میں نے کہیں نہیں دیکھیں
جیسے دو تارے آکاش سے دھرتی پر اُترے ہوں
یا اندھیاری رات میں جیسے جگنو دمک رہے ہوں
جھلمل جھلمل کرتی آنکھیں
نیاری آنکھیں پیاری آنکھیں
کاجل بِن کجراری آنکھیں
ایسی اچھّی آنکھیں میں نے کہیں نہیں دیکھیں
٭٭٭

 

وداع

یہ لمحہ جاوداں کر لو
کہ اب لفظوں سے بات آگے چلی ہے
وداعِ دلفگاراں کی گھڑی ہے
جدائی سامنے تن کر کھڑی ہے
یہ لمحہ جاوداں کر لو
کہ تم نے جو کہا سچ تھا
کہ میں نے جو سُنا سچ تھا
مگر پھر بھی
ہم اپنے اپنے سچ کی دھار پر تنہا کھڑے ہیں
٭٭٭

 

کسی کمزور لمحے میں

کسی کمزور لمحے میں
اگر میں تُم سے یہ کہہ دوں
’’ مجھے تم سے محبت ہے ‘‘
تو تم اس واقعے کو زیست کا عنواں نہ کر لینا
یہی کرنا کہ بس اک مسکراہٹ
اپنے رخساروں پہ بِ کھرا کر
ذرا دھیمے سے لہجے میں
یہ کہہ دینا
’’ مجھے تُم سے محبت ہے ‘‘
مگر اِس واقعے کو زیست کا عنواں نہ کر لینا
کسی کمزور لمحے میں
٭٭٭

  بچھڑنے سے ذرا پہلے

بچھڑنے سے ذرا پہلے
تمہیں بھی سوچ لینا چاہیے تھا
تمہیں بھی سوچ لینا چاہیے تھا
کہ یوں چاہت کو ٹھکرایا نہیں کرتے
کہ یوں بیتے دنوں کو بھولنا اچھا نہیں ہوتا
کہ یوں انجان بن کر چین سے جینا ہمارے واسطے
ممکن نہیں ہو گا
تمہیں بھی سوچ لینا چاہیے تھا
کہ وہ باتیں جو ہم اِک دوسرے سے کر چکے ہیں
اب کبھی واپس نہ آئیں گی
کہ وہ لمحے جو ہم اک دوسرے میں جی چکے ہیں
پھر کبھی زندہ نہیں ہوں گے
پچھڑنے سے ذرا پہلے
تمہیں بھی سوچ لینا چاہیے تھا
٭٭٭

اِک دن

اِک دن کوئی ایسا ہو
میں بھور سمے اُٹھوں
تُو سامنے بیٹھا ہو
اِک دن کوئی ایسا ہو
٭٭٭
 
 
٭٭٭
ماخذ:
http://forum.urduworld.com/f2737/
اور مختلف ویب سائٹس سے
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبیدتدوین اور

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

گزری ساعتوں کی روشنی