گم گشتہ صدا
ظفر اقبال
تو ہے مشکل کشا، اے خدا، اے خدا مجھ کو مجھ سے بچا، اے خدا، اے خدا
کب سے بھٹکا ہوا دشتِ خواہش میں ہوں مجھ کو رستہ بتا ، اے خدا، اے خدا
کوئی دوبارہ ملنے کی توفیق دے میں ہوں خود سے جدا، اے خدا، اے خدا
اپنے افلاک سے میرے ادراک سے تو ہے سب سے بڑا، اے خدا، اے خدا
رنگِ خوابِ ہنر تیری رحمت سے ہے تیری قدرت سے تھا، اے خدا، اے خدا
عاجزی کا اثر میری آواز میں تو نے پیدا کیا، اے خدا، اے خدا
میں نے جو کچھ کیا، تیری تائید سے مجھ سے جو کچھ ہوا، اے خدا، اے خدا
مجھ کو حیرت بھی دے، مجھ کو حسرت بھی دے
یوں تو سب کچھ دیا، اے خدا، اے خدا
جانے کب سے اٹھائے ہوئے ہے ظفر بارِ دستِ دعا، اے خدا، اے خدا ٭٭٭
یہاں سب سے الگ سب سے جدا ہونا تھا مجھ کو
مگر کیا ہو گیا ہوں، اور، کیا ہونا تھا مجھ کو
ابھی اک لہر تھی جس کو گزرنا تھا سروں سے
ابھی اک لفظ تھا میں، اور، ادا ہونا تھا مجھ کو
پھر اس کو ڈھونڈنے میں عمر ساری بیت جاتی
کوئی اپنی ہی گم گشتہ صدا ہونا تھا مجھ کو
پسند آیا کسی کو میرا آندھی بن کے اٹھنا
کسی کی رائے میں بادِ صبا ہونا تھا مجھ کو
وہاں سے بھی گزر آیا ہوں خاموشی سے اب کے
جہاں اک شور کی صورت بپا ہونا تھا مجھ کو
در و دیوار سے اتنی محبت کس لیے تھی
اگر اس قید خانے سے رہا ہونا تھا مجھ کو
میں اپنی راکھ سے بے شک دوبارہ سر اٹھاتا
مگر اک بار تو جل کر فنا ہونا تھا مجھ کو
میں اندر سے کہیں تبدیل ہونا چاہتا تھا
پرانی کینچلی میں ہی نیا ہونا تھا مجھ کو
ظفر، میں ہو گیا کچھ اور، ورنہ، اصل میں تو
برا ہونا تھا مجھ کو، یا بھلا ہونا تھا مجھ کو
٭٭٭
یہاں کسی کو بھی کچھ حسبِ آرزو نہ ملا
کسی کو ہم نہ ملے اور ہم کو تو نہ ملا
چمکتے چاند بھی تھے شہرِ شب کے ایواں میں
نگارِ غم سا مگر کوئی شمع رو نہ ملا
انہی کی رمز چلی ہے گلی گلی میںیہاں
جنہیں اِدھر سے کبھی اذنِ گفتگو نہ ملا
پھر آج میکدہ دل سے لوٹ آئے ہیں
پھر آج ہم کو ٹھکانے کا ہم سبو نہ ملا
٭٭٭
میں جس سے قرض لیتا ہوں چکانا بھول جاتا ہوں
میں اکثر قرض لوٹانا ہی بھول جاتا ہوں
فقط اک دوست ہی سے میں چمٹ کر رہ نہیں سکتا
نیا جب دوست ملتا ہے پرانا بھول جاتا ہوں
جھپٹتا ہوں بلا تخصیص میں ہر ایک کھانے پر
جو ہو پرہیز کا کھانا وہ کھانا بھول جاتا ہوں
مجھے اس رات نیند آتی نہیں لوگو کسی کروٹ
میں جب احباب کو باہم لڑانا بھول جاتا ہوں
ہمیشہ سخت مشکل میں جو میرا ساتھ دیتا ہے
میں اسکی مشکلوں میںکام آنا بھول جاتا ہوں
٭٭٭
گھر میں ہو گا کوئی زخموں کے سوا اور چراغ
شام گہری ہوئی جاتی ہے ، جلا اور چراغ
ہم ہی دونوں کا گزارہ وہاں کیوں کر نہ ہوا
جہاں رہتے رہے مل جل کے ہوا، اور، چراغ
رات بھر باغ میں ہلچل تھی کوئی چاروں طرف
جلتے بجھتے ہی رہے پھول، صبا، اور چراغ
لہر پر ایک چراغ، اور، پھر اُس لہر کے بعد
ایک لہر اور تھی، اُس لہر پہ تھا اور چراغ
ایک ہی رُخ پہ لرزتے رہے دونوں، لیکن جب رکی موجِ ہوا کانپ گیا اور چراغ
ایک آواز کی آہٹ سی پھر آئی یک دم اور، دیوارِ تماشا سے گرا اور چراغ
پھر بھی چھایا رہا کیوں اتنا اندھیرا ہر سمت
دونوں روشن تھے یہاں، میری صدا اور چراغ
یوں تو نادار بہت ہوں، مگر، اتنا بھی نہیں
ہیں ابھی تک میرے ہاتھوں میں دعا، اور چراغ
جل رہا ہے مرا دل بھی، مری آنکھیں بھی، ظفر
اِس چکا چوند میں اب چاہئے کیا اور چراغ
٭٭٭
میں تو ہوں آواز کرنے کے لئے تم نظر انداز کرنے کے لئے
کیا کوئی ہمزاد کرنا ہے ضرور کیا کوئی دمساز کرنے کے لئے
سوچنے ہی کے لئے ہوتے ہیں کچھ کام، لیکن بعض کرنے کے لئے
خود تو وہ رکتا کسی صورت نہیں چلئے اس کو باز کرنے کے لئے
اک نئ ترکیب سوجھی ہے ابھی جسم کو پشواز کرنے کے لئے
خود کو رسوا کر رہا ہوں شہر میں اک ذرا ممتاز کرنے کے لئے
ڈھونڈتے پھرتے ہیں فرصت کی گھڑی کچھ نیاز و راز کرنے کے لئے
اک پنیری سی لگا رکھتا ہوں میں لفظ کو الفاظ کرنے کے لئے
جا رہا ہوں کس قدر خوش خوش ، ظفر میں اسے ناراض کرنے کے لئے ٭٭٭
امیدِ عاقبتِ کار کے برابر ہے یہ اک درخت کہ دیوار کے برابر ہے
زیادہ دور نہیں امن و جنگ آپس میں یہ فاصلہ تری تلوار کے برابر ہے
تجھے خبر نہیں یہ ایک بار کا انکار ہزار بار کے اقرار کے برابر ہے
کھلی ہے اور کوئی گاہک ادھر نہیں آتا دکانِ خواب کہ بازار کے برابر ہے
ہو اس کے بعد زمانوں کا کیا حساب کتاب جب ایک لمحہ لگاتار کے برابر ہے
میں اس لیے بھی زباں کھولتا نہیں کہ ابھی
سکوت ہی یہاں اظہار کے برابر ہے
ہوں اتنا بے سروساماں کہ اس دفعہ مجھ کو
یہ برگِ سبز بھی اشجار کے برابر ہے
مجھے پسند ہے جی جان سے یہ عیبِ سخن جہاں جہاں میرے معیار کے برابر ہے
وہی پسینہ پسینہ ہوں رات دن کہ ظفر ہوا یہاں میری رفتار کے برابر ہے ٭٭٭
ضد ہی کام آئی نہ اصرار بہت کام آیا صبر تھا ایک جو ہر بار بہت کام آیا
خود کو ترتیب دیا آخرِ کار ازسرِ نَو زندگی میں ترا انکار بہت کام آیا
عمر اندھیروں میں بھی ویسے تو بسر ہو جاتی
وہ چراغِ لب و رخسار بہت کام آیا
مستقل اس نے تغافل ہی رکھا اپنا شعار یوں ہمارے وہ لگاتار بہت کام آیا
دل نے بہلائے رکھا قصہ طرازی سے ہمیں
اور، تمہارا یہ طرف دار بہت کام آیا
راستے ہو گئے ہموار ہمیشہ کے لئے سفرِ وادئ دشوار بہت کام آیا
فائدہ کوئ مجھے تو نہیں پہنچا، لیکن دوسروں کے، مرا معیار بہت کام آیا
دیکھتے دیکھتے غائب ہوئ خوشبو ساری ورنہ کچھ دن گلِ گفتار بہت کام آیا
آپ بھی آ کے ظفر سے جو پکڑتے عبرت آپ جیسوں کے یہ بیکار بہت کام آیا ٭٭٭
سراغ دے گا کہیں جا کے ماہ و سال میں تو
کہاں رہے گا مرے کوزۂ خیال میں تو
پرائی دھوپ سے آنگن کی تیرگی اچھی
الجھ رہا ہے یہ کس روشنی کے جال میں تو
تجھے خبر نہیں اڑتی ہے خاکِ جاں کیسے گھرا نہیں کسی اندیشۂ زوال میں تو
میں دیکھتا ہوں لکیروں کی سرحدوں میں تجھے
لکھا ہوا ہے مرے دستِ کمال میں تو
تجھے میں مانگ رہا ہوں یہ کس بہانے سے
چھپا ہوا ہے مری خواہشِ سوال میں تو
کسی کی آنکھ سے خوابوں کی کرچیاں چن کر
اب ایک عمر سے بیٹھا ہے کس ملال میں تو
کہاں گیا ترے اندر کا خود پرست ظفر
بکھر گیا ہے کسی شخص کے جمال میں تو
٭٭٭
طلسم ہوش ربا میں پتنگ اڑتی ہے کسی عقب کی ہوا میں پتنگ اڑتی ہے
چڑھے ہیں کاٹنے والوں پہ لوٹنے والے اسی ہجوم بلا میں پتنگ اڑتی ہے
پتنگ اڑانے سے کیا منع کر سکے زاہد کہ اس کی اپنی عبا میں پتنگ اڑتی ہے
کہیں چھتوں پہ بپا ہے بسنت کا تہوار
کہیں پہ تنگیِ جا میں پتنگ اُڑتی ہے
کہیں فلک پہ سرکتی ہے سرسراتی ہوئی
کہیں دلوں کی فضا میں پتنگ اڑتی ہے
کھلا ہے اس پہ کچھ ایسے بہار کا موسم
ہے رخ پہ رنگ، قبا میں پتنگ اڑتی ہے
یہ خواب ہے کہ الجھتا ہے اور خوابوں سے
یہ چاند ہے کہ خلا میں پتنگ اُڑتی ہے
امید وصل میں سو جائیں ہم کبھی تو، ظفر
ہماری خواب سرا میں پتنگ اڑتی ہے
٭٭٭
بیٹھے رہے اور بن نہ سکی بات ہماری کیا کیجئے اتنی ہی تھی اوقات ہماری
کچھ اپنے سوا ہم کو دکھائی نہیں دیتا رہتی ہے فقط پیش نظر ذات ہماری
دشنام ہے ، رسوائی ہے اور طعنہ اغیار ہوتی ہے تواضع یہی دن رات ہماری
خوش فہم ہوں جتنے بھی زیادہ ،مگر اے کاش
تصدیق تو کرتے کبھی حالات ہماری
ممکن ہی نہیں اپنے مقدر کا بدلنا جب تک کہ بدلتی نہیں عادات ہماری
سو جوتے بھی کھانا پڑے ، سو پیاز بھی ہم کو
اکثر رہی ایسی ہی مدارات ہماری
اب ان کے اشارات کی تکمیل ہے لازم جن کے لئے ہونا تھیں ہدایات ہماری
دشمن کو یہ مژدہ ہو کہ زحمت نہ اٹھائے خود اپنے مخالف ہیں مہمات ہماری
اوروں سے چلن کوئی الگ ہے ظفر ، اپنا
مشہور ہیں عالم میں حکایات ہماری
٭٭٭
نہیں کہ ملنے ملانے کا سلسلہ رکھنا کسی بھی سطح پہ کوئی تو رابطہ رکھنا
مریں گے لوگ ہمارے سوا بھی تم پہ بہت
یہ جرم ہے تو پھر اس جرم کی سزا رکھنا
مدد کی تم سے توقع تو خیر کیا ہوگی غریبِ شہرِ ستم ہوں' مرا پتا رکھنا
بس ایک شام ہمیں چاہیے' نہ پوچھنا کیوں
یہ بات اور کسی شام پر اٹھا رکھنا
نئے سفر پر روانہ ہوا ہوں از سرِ نو جب آؤں گا تو مرا نام بھی نیا رکھنا
فصیلِ شوق اٹھانا' ظفر ضرور مگر کسی طرف نکلنے کا راستا رکھنا ٭٭٭
میں چلتے چلتے اپنے گھر کا راستہ بھول جاتا ہوں
جب اس کو یاد کرتا ہوں تو کہنا بھول جاتا ہوں
بھلا دیتا ہوں جب وہ روکتا ہے پاس آنے سے
دوبارہ روکتا ہے میں دوبارہ بھول جاتا ہوں
ظفر ضعف دماغ اب اس سے بڑھ کے کیا ہو گا
میں جاتا ہوں وہاں تو واپس آنا بھول جاتا ہوں
٭٭٭
اک دوات ایک قلم ہو تو غزل ہوتی ہے جب یہ سامان بہم ہو تو غزل ہوتی ہے
بھُوت، آسیب، شیاطین، چڑیلیں، جنات ان بزرگوں کا کرم ہو تو غزل ہوتی ہے
تندرستی بھی ضروری ہے تغزل کے لیے
ہاتھ اور پاؤں میں دم ہو تو غزل ہوتی ہے
پونچھ کتے کی جو ٹیڑھی ہو تو کچھ بھی نہیں
اور تیری زلف میں خم ہو تو غزل ہوتی ہے
٭٭٭
ٹائپنگ: نوید صادق اور دوسرے پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
گم گشتہ صدا
ظفر اقبال
لوڈ کریں
غزلیں
یہاں سب سے الگ سب سے جدا ہونا تھا مجھ کو
مگر کیا ہو گیا ہوں، اور، کیا ہونا تھا مجھ کو
ابھی اک لہر تھی جس کو گزرنا تھا سروں سے
ابھی اک لفظ تھا میں، اور، ادا ہونا تھا مجھ کو
پھر اس کو ڈھونڈنے میں عمر ساری بیت جاتی
کوئی اپنی ہی گم گشتہ صدا ہونا تھا مجھ کو
پسند آیا کسی کو میرا آندھی بن کے اٹھنا
کسی کی رائے میں بادِ صبا ہونا تھا مجھ کو
وہاں سے بھی گزر آیا ہوں خاموشی سے اب کے
جہاں اک شور کی صورت بپا ہونا تھا مجھ کو
در و دیوار سے اتنی محبت کس لیے تھی
اگر اس قید خانے سے رہا ہونا تھا مجھ کو
میں اپنی راکھ سے بے شک دوبارہ سر اٹھاتا
مگر اک بار تو جل کر فنا ہونا تھا مجھ کو
میں اندر سے کہیں تبدیل ہونا چاہتا تھا
پرانی کینچلی میں ہی نیا ہونا تھا مجھ کو
ظفر، میں ہو گیا کچھ اور، ورنہ، اصل میں تو
برا ہونا تھا مجھ کو، یا بھلا ہونا تھا مجھ کو
٭٭٭
یہاں کسی کو بھی کچھ حسبِ آرزو نہ ملا
کسی کو ہم نہ ملے اور ہم کو تو نہ ملا
چمکتے چاند بھی تھے شہرِ شب کے ایواں میں
نگارِ غم سا مگر کوئی شمع رو نہ ملا
انہی کی رمز چلی ہے گلی گلی میںیہاں
جنہیں اِدھر سے کبھی اذنِ گفتگو نہ ملا
پھر آج میکدہ دل سے لوٹ آئے ہیں
پھر آج ہم کو ٹھکانے کا ہم سبو نہ ملا
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)