لہو کی صورت
خالد شریف
ترتیب: اعجاز عبید
مہرباں کوئی نظر آئے تو سمجھوں تو ہے
پھول مہکیں تو یہ جانوں کہ تیری خوشبو ہے
عقل تسلیم نہیں کرتی پہ دل مانتا ہے
وہ کوئی معجزہ ہے وہم ہے یا جادُو ہے
اب تیرا ذکر کریں گے نہ تجھے یاد کبھی
ہاں مگر دل کے دھڑکنے پہ کسے قابو ہے
کچھ مزاج اپنا ہی بیگانہ ہوا جاتا ہے
ورنہ اُس شخص کی تو نرم روی کی خُو ہے
غم رگ و پے میں اُترتا ہے لہو کی صورت
درد پلکوں پہ لرزتا ہوا اِک آنسو ہے
آج کچھ رنگ دگر ہے میرے گھر کا خالدؔ
سوچتا ہوں میں تیری یاد ہے یا خود تُو ہے
٭٭٭
مخفی مسرّت
جب وہ بچھڑ جاتے ہیں
تو میں ان کی خامیوں میں بھی خُوبیاں تلاش کرتا ہُوں
ان کی پیاری باتیں تو پیاری ہوتی ہی ہیں
لیکن وہ پہلو بھی
جن پر میں اپنی محبت کے زرّیں دور میں کڑھتا رہا
(اور شاید وہی اِس لازوال محبت کے خاتمے کا سبب ہوئے )
اَب مجھے اچھے لگنے لگتے ہیں
میں اپنے ادھورے آئیڈیلز کو
جُدائی کے رنگین چشمے سے
دیکھتا ہوں
تو بچھڑنے میں جو ایک احساسِ تحفّظ ہے
یا جُدائی میں جو ایک مخفی مَسرّت ہے
وہ ان دھُندلے چہروں کو اور چمکا کر
پیش کرتی ہے
ایسے میں بچھڑے ہُوؤں کا خلوص مجھے بہت یاد آتا ہے
اور ان کی زیادتیاں ذہن سے محو ہو جاتی ہیں
٭٭٭
ٹو دی پوائنٹ ( TO THE POINT )
مُنّا باتیں کرنے لگا ہے
دونوں نندیں کالج گئی ہوئی ہیں
خالہ جان کچن میں ہوں گی
وہ تو آج کل دفتر سے کچھ دیر سے آیا کرتے ہیں
کتنی ضروری میٹنگز ہیں
تھک جاتے ہیں
کیسے سیدھے سادے اور بھولے بھالے انسان ہیں
مُجھے بہت چاہتے ہیں
آؤٹنگ ؟ وہ تو میں نے بالکل چھوڑ دی
آؤٹنگ کی اب فُرصت کہاں
ڈولی اور ببلی کالج سے آ جائیں تو
مسز حسن کے ہاں چائے پر جانا ہے
لیکن میں یہ ساری باتیں تمھیں کیوں بتا رہی ہُوں
تم نے مجھے کیوں فون کیا تھا
میں نے کتنی بار کہا ہے
اب مجھ سے کوئی مطلب نہ رکھنا
٭٭٭
کل اور آج
کل شام اُس نے رُخصت ہوتے ہوئے
شاخِ گُل کی طرح جھُک کر
میرے ہاتھ کو چُوما
تو ا ُس کے لرزتے ہُوئے ہونٹوں پر
نہ کسی ندامت کا شائبہ تھا نہ شک کی پرچھائیں
اب سے ایک ہفتے پہلے
جب اچانک سرِ راہ مل جانے پر
وہ اپنے دُور دیس بسنے والے
منگیتر کی خُوبیاں بیان کر رہی تھی
اور اُس لازوال محبت کا تذکرہ کر رہی تھی
جو اُن دونوں میں تھی
تو اُس کی بے لرزہ آواز میں
نہ کسی ندامت کا شائبہ تھا نہ شک کی پرچھائیں
٭٭٭
وطن کے لیے
گھر میں رہنا ہے تو آؤ سارے مل جُل کر رہیں
آسماں پر دیکھو جیسے تارے مِل جُل کر رہیں
ایسے ہم یک جان ہوں جیسے پہاڑوں پر چنار
جیسے قطرے آب کے مِل کر بنائیں آبشار
جیسے دریا میں ندی کے دھارے مِل جُل کر رہیں
آسماں پر دیکھو جیسے تارے مِل جُل کر رہیں
اک اکیلے پھُول سے گلشن کبھی مہکا نہیں
کوئی طائر شاخ پر تنہا کبھی چہکا نہیں
ان حسیں راہوں میں آؤ سارے مِل جُل کر رہیں
آسماں پر دیکھو جیسے تارے مِل جُل کر رہیں
ذرّہ ذرّہ مِل کے اِک کوہِ گراں بن جائے گا
تنکا تنکا جمع ہو تو آشیاں بن جائے گا
بس یہی ہم سوچ لیں اور سارے مِل جُل کر رہیں
آسماں پر دیکھو جیسے تارے مِل جُل کر رہیں
٭٭٭
دھڑکا
ابھی مِلا ہی تھا
وہ
اور مجھے
لگا ایسے
کہ جیسے
مجھ سے اُسے چھین لے گیا کوئی
٭٭٭
تمام رات (نذر مصطفےٰ زیدی)
’’ اب کے تو دِن بہار کے یوں ہی گُزرے گئے ‘‘
پُر نم رہی ہے پلکوں کی جھالر تمام رات
اُڑتا رہا ہے فکرِ کا شہپر تمام رات
لپٹے رہے بدن سے گُلِ تر تمام رات
اُترا کیے خیال کے پیکر تمام رات
بُوئے وفا ہوئی جو نچھاور تمام رات
تھی پور پور اپنی معطّر تمام رات
تھا وِرد ایک نام کا لَب پر تمام رات
میرا وجود تھا مِرے باہر تمام رات
یادیں چبھو رہی تھیں جو نشتر تمام رات
نظمیں کہا کیے ہیں سخنور تمام رات
’’ اب کے تو دن بہار کے یُوں ہی گُزر گئے ‘‘
٭٭٭
ثانیہ کے لیے ایک نظم
وہ ننّھی سی گُڑیا
اِس طرح چہکتی ہے
میرے سارے دُکھ درد
جیسے اُڑ جاتے ہیں
’’ پاپا جی ‘‘
کہہ کر جب
وہ مجھے بلاتی ہے
مَن جھُومنے لگتا ہے
نغمے چھِڑ جاتے ہیں
یہ ایسی مسّرت ہے
جِس کا کوئی جوڑ نہیں
یہ ایسا نشّہ ہے
جس کا کوئی توڑ نہیں
بالوں کی چاندی اَب
کچھ یاد دلاتی ہے
یہ ننّھی سی گُڑیا
احساس جگاتی ہے
یہ زیست نہیں میری
یہ زیست اب اُس کی ہے
اب میری باقی عُمر
میری نہیں اُس کی ہے
٭٭٭
اگر ہم ٹُوٹ جاتے
اگر ہم ٹُوٹ جاتے
تو ستارے رُوٹھ جاتے
پھُول کھلنا چھوڑ دیتے
اور پرندے چہچہانا بھُول جاتے
اگر ہم ٹوٹ جاتے
تو کئی صدیاں ادھُورے خواب کی حیرت میں گُم رہتیں
اِدھر میں رنج و غم سہتا
اُدھر تم رنج و غم سہتیں
زباں سے میں نہ کچھ کہتا زباں سے تُم نہ کچھ کہتیں
اگر ہم ٹوٹ جاتے
تو کئی جنموں تلک یہ پیاس رہ جاتی
خلش اِک زندگی بن کر
پسِ احساس رہ جاتی
ان آنکھوں کو تمھارے دیکھنے کی آس رہ جاتی
اگر ہم ٹوٹ جاتے
٭٭٭
کرائے دار
آج ہم ہو گئے کرائے دار
آشیانہ جو تھا کبھی اپنا
آج سے وہ نگر تمھارا ہے
اس سے شاید ہو اعتماد بحال
ایک موہوم سی اُمید ہے یہ
سنگ و آہن کا قید خانہ ہے
تیرے بِن کب یہ آشیانہ ہے
اِس طرف ایک بے ارادہ شخص
سامنے بے رحم زمانہ ہے
ہر طرف ذِلّتوں کے نشتر ہیں
تند باتوں کا تازیانہ ہے
خُود ہی سوچو کہ ایسے عالم میں
کون سی چیز اچھی لگتی ہے ؟
کوئی موسم نہیں اگر دِل کا
اپنا موسم اُداس ہو جائے
در و دیوار کی حقیقت کیا
زندگی کی جو آس کھو جائے
اس لیے ہم نے بیچ کو خود کو
تم کو مالک بنا دیا اس کا
آج ہم ہو گئے کرائے دار
٭٭٭
کامپرومائز (COMPROMISE)
ہمارے درمیاں
جب یہ نفی کا سلسلہ چلتا ہیں ہے
تو آؤ آج ہم اِک دُوسرے کو مان لیں
میں تمھاری ذات سے
اور تُم مِرے پیکر سے
دُوری کا تصّور
سوچ کر ہی کانپ اُٹھتے ہیں
تو آؤ کیوں نہ ہم اَب
اِک نیا منشور لکھیں
اِک نیا آغاز کر لیں
تو کیوں نہ ہم اَنا کے سنگِ خارا کو
اُٹھا کر کامپرومائز کی وادی میں پٹخ دیں
اور چکنا چُور کر دیں
٭٭٭
خُود لذّتی
اپنے آپ کو دُکھ دینے میں
کتنی لذّت ہے
اِس کا راز وہی جانے ہے
جو خُود کو دُکھ دے
٭٭٭
ٹانِک ( TONIC )
جُدائی ایک ٹانِک ہے
محبت کو جواں رکھتی ہے
جب کچھ روز تُم
نظروں سے اوجھل ہو تو
تم کو دیکھنے کو جی مچلتا ہے
خزاں اور موسمِ گل کی کہانی یاد آتی ہے
( بڑھاپے میں ہمیں اپنی جوانی یاد آتی ہے )
٭٭٭
شام
جب بچھڑتے ہیں
تو یوں لگتا ہے جیسے جسم کا حصّہ کوئی کٹ کر
صدا کرتا ہے
اور جیسے ہوا کی سسکیاں کہتی ہیں
ہاں تم میرے اپنے تھے
جب بچھڑتے ہیں
تو گزری ساعتوں کی روشنی ہم کو بلاتی ہے
فضا کہتی ہے
ہاں تم وہ پرندے تھے جو مجھ میں سانس لیتے تھے
میری بانہوں میں تم اپنے بدن کے خواب بھرتے تھے
میری آنکھوں میں تم بیتی ہُوئی صدیوں میں اپنی خواہشوں کے لفظ
پڑھتے تھے
جب بچھڑتے ہیں
تو پتّے ، پھول ، پھل ، پتّھر ، شجر
گہرے سمندر ، آسمان ، دریا
کتابیں ، اَن لکھی نظمیں ، شگوفے
تتلیاں اور راستے فریاد کرتے ہیں
ہمیں سب یاد کرتے ہیں
٭٭٭
کیا یہ کافی نہیں
کیا یہ کافی نہیں ہے
کہ اُس کنجِ لب سے
کسی مسکراہٹ کا روزن کھُلے
کوئی تازہ ہوا آئے مہکار برسے
وہ نرگس سی آنکھیں
کبھی اپنا دُکھ بھُول کر مسکرانے لگیں
کھلکھلانے لگیں
وہ شانوں پہ بکھری گھٹائیں
کبھی لہر میں آ کے خوشبو لٹانے لگیں
وہ ہوائیں کبھی گنگنانے لگیں
تو چمن میں کسی برگِ گُل پر ہَوا کی کسی موج پر
یا کسی گزرے لمحے کے دامن پہ اک ثانیے کے لیے میرا بھی نقش ہو
کیا یہ کافی نہیں ہے
کہ کوئے ہُنر میں
جہاں لفظ جذبوں میں ڈھلتے ہیں
٭٭٭
نذرِ منیر
اگرچہ خوف کے عالم میں خواب ختم ہُوا لگا کہ روح پہ طاری عذاب ختم ہُوا
یہ مِلنا اور بچھڑنا ہے پانیوں کی طرح
کہ ایک لہر اُٹھی نقشِ آب ختم ہُوا
کِسی کو پڑھ لیا اِک ہی نشست میں ہم نے
کوئی ضخیم تھا اور باب باب ختم ہُوا
اگرچہ مرگِ وفا ایک سانحہ تھا مگر میں خوش ہُوا کہ چلو یہ سراب ختم ہُوا
مہک ک ساتھ ہی رنگت بھی اُڑ گئی خالدؔ
بچھڑ کے شاخ سے خود بھی گلاب ختم ہُوا
٭٭٭
خواب در خواب لکھ رہا ہُوں میں اِک نیا باب لکھ رہا ہُوں میں
بہرِ احباب لکھ رہا ہوں میں بر سرِ آب لکھ رہا ہُوں میں
کاغذوں کی صلیب اُٹھائے ہُوئے غم کے ابواب لِکھ رہا ہُوں میں
دلِ بیتاب! اک ذرا مہلت
دلِ بیتاب! لِکھ رہا ہُوں میں
حرفِ حق کی تلاش میں خالد حرفِ نایاب لکھ رہا ہُوں میں ٭٭٭
تمام شہر میں وہ نقشِ پا تلاش کروں کہ آنکھ بند رکھوں اور ہوا تلاش کروں
ابھی تو ساری کہانی پسِ شبِ غم ہے طلوعِ صبح کا عنوان کیا تلاش کروں
ابھی سپاٹ سے رستے پہ چلتا جاتا ہُوں
میں کھو چکوں تو کوئی رہنما تلاش کروں
نہ سُن سکوں کہ سماعت بھی قرض تھی مجھ کو
نہ دیکھ پاؤں تو آنکھوں میں کیا تلاش کروں
وجود مہکے تو غنچے بھلے لگیں مجھ کو
گھٹن سے نِکلوں تو موجِ صبا تلاش کروں
اب اس سے بڑھ کے جنوں اور کیا دکھائے گا
کہ آئینوں میں تیرا نقش پا تلاش کروں
ملے جو چشمِ بصیرت کبھی مجھے خالدؔ
تو اپنے آپ میں جنس وفا تلاش کروں
٭٭٭
کسی کو دیکھوں تو ماتھے پہ ماہ و سال ملیں
کہیں بکھرتی ہُوئی دھول میں سوال ملیں
ذرا سی دیر دسمبر کی دھوپ میں بیٹھیں
یہ فرصتیں ہمیں شاید نہ اگلے سال ملیں
یہ شعر و شاعری سب ہے عطا ان آنکھوں کی
وہ اک نگاہ اُٹھائے تو سو خیال مِلیں
جو اپنے چہرے کو محفوظ دیکھنا چاہے
وہ کیا کرے کہ یہاں آئینوں میں بال ملیں
میں بے ہنر تھا سو حیرت میں گم ہُوا خالدؔ
کہ ہر قدم پہ یہاں لوگ با کمال ملیں
٭٭٭
طلسم جب سے نہاں ہو گئے ہیں لہروں میں
میں ساحلوں پہ مقیّد ہُوا دوپہروں میں
نہ جانے کون سے جنگل سے اُٹھ کے آئے ہیں
وہ لوگ جو میرے واقف بنے ہیں شہروں میں
تمہیں بلند بھی کر کے میں پستیوں میں رہا
میں سیڑھیوں کی طرح ہُوں تمھارے قدموں میں
بدن پہ اس کے نہیں اک بھی نقش ماضی کا
جسے میں ڈھونڈ رہا ہُوں پُرانے چہروں میں
تمام کھیل کی معراج بس وہ لمحہ تھا
سکوت کانپا تھا جب اُن شریر آنکھوں میں
میں زیر و بم میں ابھی تک اسیر ہوں خالدؔ
کچھ ایس حسنِ تکلّم تھا اُس کے سانسوں میں
٭٭٭
سفر کا ذوق ہی کچھ تو مسافروں میں نہ تھا
کچھ آرزو کا دفینہ بھی منزلوں میں نہ تھا
میں اپنے ہاتھ کو سنگسار کرنے نکلا ہُوں
نظر میں جادو تھا ایسا جو انگلیوں میں نہ تھا
فصیلِ شب پہ کھڑا ہوں یہ سوچتا ہوں میں
کہ پہلے اتنا اندھیرا کبھی گھروں میں نہ تھا
دمک تھی جس کی پسینے کی باس میں پنہاں
وہ جسم و جان کا گوہر سمندروں میں نہ تھا
تمام عمر بھلا کیوں وہ میرے ساتھ رہا
جو دوست بن نہ سکا اور دشمنوں میں نہ تھا
کھُلے ہیں ہاتھ میرے کیوں کہاں ہے مُہرِ زباں ؟
کہ اتنا گہرا سلیقہ تو رہزنوں میں نہ تھا
چلا گیا تیری گلیوں سے دُور اب خالدؔ
وہ شخص شہر کے اچھے سخنوروں میں نہ تھا
٭٭٭
اب تو یوں لگتا ہے جیسے تجھے دیکھا ہی نہ تھا
جیسے بادل کبھی صحراؤں پہ برسا ہی نہ تھا
اب تو دھند لانے لگے ہیں تیرے چہرے کے نقوش
دونوں ہاتھوں میں اِسے جس طرح تھاما ہی نہ تھا
ہم کو یہ زعم کہ ہم بھی ہیں محبّت کے خدا
اور وہ شخص کہ شیشے میں اُترتا ہی نہ تھا
آشنائی کی یہ ہلکی سی جھلک بھی کیوں ہے
یوں گزر جاؤ کہ جیسے کبھی دیکھا ہی نہ تھا
تجھ کو کھو بیٹھے تو یاد آیا کہ تُو اپنا تھا
تجھ کو پانے کا تو ہم نے کبھی سوچا ہی نہ تھا
٭٭٭
رخصت ہُوا تو بات میری مان کر گیا جو اُس کے پاس تھا وہ مجھے دان کر گیا
بچھڑا کچھ اِس ادا سے کہ رُت ہی بدل گئی
اِک شخص سارے شہر کو ویران کر گیا
دلچسپ واقعہ ہے کہ کا اِ ک عزیز دوست اپنے مفاد پر مجھے قربان کر گیا
کتنی سُدھر گئی ہے جُدائی میں زندگی
ہاں وہ جفا سے مجھ پہ تو احسان کر گیا
خالدؔ میں بات بات پہ کہتا تھا جس کو جان
وہ شخص آخرش مجھے بے جان کر گیا
٭٭٭
میں ایک عمر اُسے بحر و بر میں ڈھونڈتا تھا
جو میرے پاس تھا لوگوں کے گھر میں ڈھونڈتا تھا
مِلی مجھے بڑے سادہ مزاج لوگوں میں
وہ چیز مَیں جسے اہلِ ہُنر میں ڈھونڈتا تھا
میرے رفیق اُسے مل کے لوٹ بھی آئے
میں نقشِ پا ہی ابھی رہگزر میں ڈھونڈتا تھا
یہ کون شخص تھا شاخوں پہ گاڑ کر آنکھیں
کوئی نشان پرانا شجر میں ڈھونڈتا تھا
مِلا تو آنکھوں میں بیگانگی بسائے ہُوئے
میں صبح و شام جسے شہر بھر میں ڈھونڈتا تھا
ہَوا کی کشتی پہ کاغذ کے بادباں لے کر
وہ جیسے کوئی مثلّث بھنور میں ڈھونڈتا تھا
٭٭٭
چارہ گر سارے پریشاں ہیں کہ یہ سب کیا تھا
زخم ہنستے تھے تو بیمار بھی ہنس پڑتا تھا
مُڑ کے دیکھا تو دراڑیں تھیں کئی چہروں پر
آئینے میں تو ہر اک شخص حسیں لگتا تھا
یہ میرے عہد کا منشورِ ستائش ٹھہرا
وہ جو اَب ہم میں نہیں ہے وہ بہت اچھا تھا
زہر اُترا تھا رگ و پے میں کسی خواہش کا
سانس لیتا تھا تو ہر مُوئے بدن ڈستا تھا
مہرباں رات تھی تنہائی کی جنّت مجھ پر
میں تھا احباب کے اشعار تھے سنّاٹا تھا
جانے کیا یاد اُسے آیا تھا ا ُس دن خالدؔ
آئینہ سامنے رکھ کر وہ بہت رویا تھا
٭٭٭
دل اپنے آپ بھر آیا تو میں نے پھر سوچا
یہ ہم سخن بھی گنوا یا تو میں نے پھر سوچا
پھر اُلٹے قدموں اِسی سمت لَوٹ آنا ہے
جو اُس نے پاس بُلایا تو میں نے پھر سوچا
وہ چاندنی ہے اُسے میں کہاں رکھوں گا بھلا
جو وقت ملنے کا آیا تو میں نے پھر سوچا
بہت دنوں سے میں بھُلا ہُوا تھا یاروں کو
کسی نے زخم لگایا تو میں نے پھر سوچا
٭٭٭
پھر کوئی یاد آ گئی ، جیسے دل پہ بدلی سی چھا گئی جیسے
میری مجبوریوں کا ذکر ہُوا زندگی تلمِلا گئی جیسے
دن ڈھلے طائروں کی اک ٹولی رازِ ہستی بتا گئی جیسے
اس کی آمد کی بات تھی شاید رہگزر جھلملا گئی جیسے
دھیمے لہجے میں بات ہو نے لگی شام کو نیند آ گئی جیسے
شب کی شیریں ادا گزرتے ہُوئے زیرِ لب مسکرا گئی جیسے
نام اُس کا زبان پر آیا جان لفظوں میں آ گئی جیسے ٭٭٭
منظروں کے لیے پناہیں دیں شکر ہے اُس کا جس نے آنکھیں دیں
شکر ہے اُس کا جس نے سو چیں دیں اور پھر سو چنے کو راہیں دیں
بیج دھرتی کی کوکھ سے پھُوٹا اُس نے دریا بنائے نہریں دیں
اُس کی رحمت زمین پر اُتری اُس نے بارش کی آبشاریں دیں
اپنی قدرت کو آشکار کیا تپتے صحراؤں کو بھی جھیلیں دیں
پھُول اُس نے بنائے ، رنگ دیے تتلیوں کو حَسیں قبائیں دیں
کیف بخش ہَوا کی موجوں کو دھوپ کو روشنی کی لہریں دیں ٭٭٭
ہے کرب ہجر میں وہی جو ہے وصال میں
عقدہ کھُلا یہ ہم پہ کئی ماہ و سال میں
سوچا کیے کہ ٹوٹ نہ جائے کِسی کا دل گزری ہے اپنی عمر اسی دیکھ بھال میں
تیرا وجود گر مری تکمیل ہے تو پھر
یہ تشنگی سی کیا ہے تیرے خّد و خال میں
میں تیری اِس نگاہ کا کیسے جواب دوں
تو جو چھپا ہُوا ہے میرے ہر سوال میں
خالدؔ، وہ بات اب تو اُسے یاد بھی نہیں
ہم جی کو خون کر گئے جس کے مَلال میں
٭٭٭
بس اب تو خواب کی صورت ہے ، آرزوئے طرب وہ یاس ہے کہ تمنا محال ہے اب کے
مثالِ سنگِ سرِ راہ ہم ہیں مہر بلب ستم کشانِ وفا کا یہ حال ہے اب کے
کسے بتائیں کہ ہم ہیں ہُوئے جو کشتۂ شب
کہاں نظر کو بھی اذنِ سوال ہے اب کے
شکستِ ذات کے انمول ذائقوں کے سبب خیال ہے نہ ہجومِ خیال ہے اب کے
نہ زخمِ جاں کی ضرورت نہ سیلِ غم کی طلب
کہ میرے پاس جُدائی کا سال ہے اب کے
٭٭٭
اے شب ہجر تیری خیر کہ ہم کچھ تو دامن کو سجا لائے ہیں ٭٭٭
آئینے سے شمع گُل کرنا پڑے کیا ہو پانی پر اگر چلنا پڑے
کیا ہو گر موجِ ہَوا کے ساتھ ساتھ بادلوں کا لَمس بھی چکھنا پڑے
کیا ہو اپنا عکس گر ہنسنے لگے کیا ہو خود سے بات گر کرنا پڑے
آزمائش کا یہ کیا انداز ہے تجھ کو پانے کے لیے کھونا پڑے
جن کی قلمیں خود لگائیں تھیں کبھی وہ شجر اب خود ہی کٹوانا پڑے
گاؤں کی چنچل ہَوا تجھ کو اگر شہر کی سڑکوں پہ بھی چلنا پڑے
بات کس انداز سے کہنی پڑی شعر کس عنوان سے لکھنا پڑے
لیلیِ منزل دکھائی دے مگر راستے میں جسم کی دنیا پڑے
گرمیِ محفل سنائی دے مگر اپنے بارے میں بھی کچھ سننا پڑے
دونوں بیٹھے مسکراتے ہوں مگر درمیاں دیوار کھنچوانا پڑے
یا حوادث کی کڑکتی دھوپ سے مرمریں پیکر کو سنو لانا پڑے
کون جانے کب تجھے بھی بھُول جاؤں درمیاں کب سات اپنی آ پڑے ٭٭٭
جس کو پا کر ہم یہ سمجھے تھے کہ کچھ کھویا نہیں
وہ جو بچھڑا ہے تو جیسے کوئی بھی اپنا نہیں
وہ ابھی شاداب ہے جنگل کے پھُولوں کی طرح
اُس کے چہرے پر گئے موسم نے کچھ لکّھا نہیں
آج سے اِک دُوسرے کو قتل کرنا ہے ہمیں
تُو میرا پیکر نہیں ہے میں تیرا سایا نہیں
میں نے کیسے پیارے پیارے لوگ سونپے تھے تجھے
اے غمِ جاں اے غمِ جاں یہ میری دنیا نہیں
میں اُسے کیسے پکاروں کس طرح آواز دوں
جس کو اپنا کہہ نہ پاؤں اور بیگانہ نہیں
آ کہ پہلے آبلوں کے زخم ہی تازہ کریں
اے میرے ذوقِ سفر اب کوئی بھی صحرا نہیں
ہم سفر بھی تھا مگر اذنِ شناسائی نہ تھا
وہ میرے پہلو میں تھا اور میں نے پہچانا نہیں
٭٭٭
ناکام حسرتوں کے سوا کچھ نہیں رہا
دنیا میں اب دُکھوں کے سوا کچھ نہیں رہا
اِک عمر ہو گئی ہے کہ دل کی کتاب میں
کچھ خشک پتّیوں کے سوا کچھ نہیں رہا
یادیں کچھ اِس طرح سے سماعت پہ چھا گئیں
پچھلی رفاقتوں کے سوا کچھ نہیں رہا
لب سی لیے تو اپنے ہی کمرے میں یوں لگا خاموش آئنوں کے سوا کچھ نہیں رہا
جذبے تمام کھو گئے لمحوں کی دھول میں
اب دل میں دھڑکنوں کے سوا کچھ نہیں رہا
٭٭٭
دوست بن کر بھی ہمارے نکتہ چینوں میں رہے
سانپ کتنے تھے کہ پنہاں آستینوں میں رہے
اُف وہ باتیں آنکھ کی پُتلی میں جو ٹھہری رہیں
ہائے وہ جذبے کہ جو مدفون سینوں میں رہے
وہ تو اپنے گھر کی چھت پر چاند بن کر رہ گیا
عمر بھر محبوس ہم تاریک زینوں میں رہے
آؤ خالدؔ سبطِؔ احمد اور ناسکؔ سے ملیں
ربط کا یہ تار شاید پھر نہ تینوں میں رہے
٭٭٭
پھر تیرے پاس ہوں اور کشمکشِ جاں بھی وہی
دل وہی درد و ہی گریۂ حیراں بھی وہی
مسکراہٹ بھی اور اشکِ سرِ ثمر گاں بھی وہی
درد بھی غم بھی کسک بھی وہی درماں بھی وہی
ایسے گھُل مل سے گئے ہیں کہ ہوں پلکیں جیسے
میری آنکھیں بھی وہی خارِ مغیلاں بھی وہی
سارے اسباب مہیّا ہیں کہ غم بھی ہے تیرا
سسکیاں لیتی ہوئی شامِ گریزاں بھی وہی
اِک وہ چہرہ ہے کہ دھُند لائے چلا جاتا ہے
سوزِ ہجراں بھی وہی ، سلسلۂ جاں بھی وہی
کچھ حوالے ہیں جو تبدیل ہوئے ہیں خالدؔ
اُس کا دامن بھی وہی اپنا گریباں بھی وہی
٭٭٭
پھر تیرے پاس ہوں اور کشمکشِ جاں بھی وہی
دل وہی درد و ہی گریۂ حیراں بھی وہی
مسکراہٹ بھی اور اشکِ سرِ ثمر گاں بھی وہی
درد بھی غم بھی کسک بھی وہی درماں بھی وہی
ایسے گھُل مل سے گئے ہیں کہ ہوں پلکیں جیسے
میری آنکھیں بھی وہی خارِ مغیلاں بھی وہی
سارے اسباب مہیّا ہیں کہ غم بھی ہے تیرا
سسکیاں لیتی ہوئی شامِ گریزاں بھی وہی
اِک وہ چہرہ ہے کہ دھُند لائے چلا جاتا ہے
سوزِ ہجراں بھی وہی ، سلسلۂ جاں بھی وہی
کچھ حوالے ہیں جو تبدیل ہوئے ہیں خالدؔ
اُس کا دامن بھی وہی اپنا گریباں بھی وہی
٭٭٭
زخم رِسنے لگا ہے پھر شاید یاد اس نے کیا ہے پھر شاید
پھر پرندے اُڑے ہیں شاخوں سے اِک دھماکہ ہُوا ہے پھر شاید
جگنوؤں کی چمک لگی بڑھنے راستہ کھو گیا ہے پھر شاید
سسکیاں گونجتی ہیں کانوں میں گھر کسی کا جلا ہے پھر شاید
حاصلِ عمر کیا یہی کچھ ہے یہ ابھی سوچنا ہے پھر شاید
درِ زنداں پہ پھر ہُوئی دستک کوئی درد آشنا ہے پھر شاید
مُسکراتے ہیں دیکھ دیکھ کے لوگ امتحانِ وفا ہے پھر شاید ٭٭٭
درختوں سے جُدا ہوتے ہُوئے پتّے اگر بولیں
تو جانے کتنے بھُولے بِسرے افسانوں کے در کھولیں
اکٹّھے بیٹھ کر باتیں نہ پھر شاید میسّر ہوں
چلو ان آخری لمحوں میں جی بھر کر ہنسیں بولیں
ہَوا میں بس گئی ہے پھر کسی کے جسم کی خوشبو
خیالوں کے پرندے پھر کہیں اُڑنے کو پر تولیں
جہاں تھے متفق سب اپنے بیگانے ڈبونے کو
اُسی ساحل پہ آج اپنی اَنا کی سیپیاں رولیں
بھنّور نے جن کو لا پھینکا تھا اِس بے رحم ساحل پر
ہوائیں آج پھر اُن کشتیوں کے بادباں کھولیں
نہ کوئی روکنے والا نہ کوئی ٹوکنے والا
اکیلے آئینے کے سامنے ہنس لیں کبھی رولیں
٭٭٭
پتیاں پھولوں کی بِکھریں راستے کی ڈھال پر
آنسوؤں کے کچھ نشاں باقی بچے رومال پر
تو بھی آئینہ بکف زنجیر میں جکڑا رہا
میں نے بھی صدیاں گنّوا دیں دھڑکنوں کی تال پر
چند ہفتوں کی شناسائی میں یہ تو ہو گیا
وہ بھی کچھ کچھ سوچ لیتا ہے میرے احوال پر
وہ بھی کیا دن کہ جب تھا آسماں قدموں تلے
بادلوں کو جیسے حیرت تھی تمھاری چال پر
ایک روشن ثانیے کی یاد سب دُکھ لے گئی
کچھ تاسّف ہو رہا تھا کچھ کو بیتے سال پر
پہلے کچھ عرصہ تو خوش خوش کٹ گیا خالدؔ مگر
جم گئی جا کر نظر پھر آئینے کے بال پر
٭٭٭
سائے پگھل رہے تھے ہم ساتھ چل رہے تھے
لمحے جدائیوں کے آنکھوں میں جل رہے تھے
تھیں منجمد نگاہیں آنسو نِکل رہے تھے
سب کچھ وہی تھا لیکن رستے بدل رہے تھے
یادیں تھیں یا کہ نشتر سینے پہ چل رہے تھے
کیا کیا خیال تھے جو دل کو مَسل رہے تھے
خالدؔ وہ جا رہا تھا ہم ہاتھ مل رہے تھے ٭٭٭
مِلا ہی تھا تو پھر اپنوں کی طرح مِلنا تھا
کہ اس سے تیری جُدائی کا دَور اچھّا تھا
میں اپنے آپ میں آؤں تو بات کر پاؤں
کہ اب تلک میرا ہمزاد مجھ میں رہتا تھا
میرے بدن پہ گڑی تھیں ٹٹولتی نظریں
ہجومِ بردہ فروشاں تھا اور میں تنہا تھا
وہ لب جو وا بھی ہُوئے تھے تو یُوں لگا تھا مجھے
کہ سامنے میرے دریا تھا اور میں پیاسا تھا
خلا کے اجنبی رستوں میں کھو گیا خالدؔ
وہ چاند جو کبھی آنگن میں میرے اُترا تھا
٭٭٭
رُکے ہُوئے ہیں کہ حالتِ سفر میں ہیں
جہاں بھی ہیں غمِ ہستی کی رہگزر میں ہیں
ابھی کہاں ہے لبوں پر فدائے جاں کی صدا
ابھی تو ولولے مضروب بال و پر میں ہیں
پڑی ہے خاک ملائم صبیح چہروں پر بلندیوں کے نشاں دفن کنجِ در میں ہیں
وہ سنگِ در سے لپٹنے کا راز کیا جانیں
جو آئینے کی طرح قید اپنے گھر میں ہیں
کہا ں کہاں پہ رکھیں پنبۂ تسلّی ہم
کہ اب تو روزنِ دیوار بام و در میں ہیں
٭٭٭
نارسائی ہے کہ تُو ہے کیا ہے یاد کر کے جسے جی ڈوبا ہے
اے غمِ جاں تیرے غم خواروں کا صبر اب حد سے سوا پہنچا ہے
آئینہ تھا کہ میرا پیکر تھا تیری باتوں سے ابھی بکھرا ہے
آنکھ کس لفظ پہ بھر آئی ہے کون سی بات پہ دل ٹوٹا ہے
میرے ہاتھوں کی لکیروں میں کوئی زندگی بن کے چھپا بیٹھا ہے
مُردہ دل ہم بھی نہ تھے پر اب کے حادثہ ہم پہ عجب گزرا ہے
اب سے پہلے کئی صد یاں پہلے جیسے خود کو بھی کہیں دیکھا ہے
آسماں جھانک رہا ہے خالدؔ چاند کمرے میں میرے اُترا ہے ٭٭٭
یوں ہر اِک کاغذ اُٹھا کر چاک کرنا کیا ہُوا
خاک کی خواہش میں کود کو خاک کرنا کیا ہُوا
یہ بھی کوئی بات ہے کہ مُسکرانا بھی نہیں
ہر بہانے آنکھ کو نمناک کرنا کیا ہُوا
خواہشیں معصوم کلیاں ہیں مہکنے دو انھیں
شہرِ دل کو خواہشوں سے پاک کرنا کیا ہُوا
پیارے پیارے تذکروں کا شہد کانوں میں گھُلے
ذہن کو وقفِ خس و خاشاک کرنا کیا ہُوا
کیسے یخ بستہ سلیقے میں مقیّد ہے حیات
بے طرح پھرنا گریباں چاک کرنا کیا ہُوا
کیوں بدن پر چھا گئے خالدؔ کڑی باتوں کے نیل
وہ تیرا فن زہر کو تریاق کرنا کیا ہُوا
٭٭٭
وہ تو گیا، اب اپنی اَنا کو سمیٹ لے
اے غمگسار! دستِ دعا کو سمیٹ لے
بالوں میں اپنے ڈال لے اب خاک کوئے یار
بانہوں میں اُس گلی کی ہَوا کو سمیٹ لے
مٹّی کی اِک لکیر بھی کہہ دے گی داستاں
چلنے کا شوق ہے تو روا کو سمیٹ لے
ان آبلوں کی روشنی بھٹکے گی شہر میں اے کوچہ گرد، گردشِ پا کو سمیٹ لے
لفظوں کو ترک کر دے کہ اِن کو نہیں ثبات
آنکھوں میں آج اپنی وفا کو سمیٹ لے
بس ایک چُپ ہی تیرے لبوں پر سجی رہے بس اپنے دل میں سیلِ بلا کو سمیٹ لے
چہرے پہ اہلِ شہر کی آنکھیں سجا کے چل ورنہ ہجومِ سنگِ سزا کو سمیٹ لے
خالد۔ؔ کبھی تو تذکرۂ جاں سنا ہمیں
اپنی صدا میں خوفِ صدا کو سمیٹ لے
٭٭٭
اپنی صورت دیکھنا اور آئینوں کو چُومنا
چاندنی کی نرم کرنو پربتوں کو چوُمنا
پھر سنورنے کی رُتیں آئی ہیں پھر مہکے ہیں پھول
پھر وہی بھونروں کا اَن چھُوئے گُلوں کو چومنا
دوپہر ڈھلتے ہی اپنے آپ سے ہونا جُدا
شہر سے باہر نکلنا پتّھروں کو چُومنا
صبح کی چنچل ہَوا جب اس کے گھر سے ہو گزر
اس کے رخساروں پہ لہراتی لٹوں کو چومنا
اے میری جاں خاک ہو جانا اور اس کی یاد میں
اس کی آنکھوں جیسے نیلے پانیوں کو چو منا
موج کی صورت پٹخنا سر کو اپنے سنگ پر
پتّھروں کو چاہنا یا ساحلوں کو چُومنا
یوں ہُو ا جیسے کنواں پیاس کے پاس آپ آ گیا
ورنہ اپنے بس میں کب تھا اُن لبوں کو چُومنا
رات بھر خا لدؔ ستارے ٹانکنا الفاظ کے
اور دن بھر اپنی لِکّھی لائنوں کو چُومنا
٭٭٭
اے کہ میں تیرے لیے تھا اور تُو میرے لیے
اب تیرے ہاتھوں پہ لکّھا ہے لہُو میرے لیے
میری بَکھری ٹکڑیوں میں پھُوٹنے والے ہیں پَر
میرے قاتل جال پھَیلا چار سُو میرے لیے
کاش ایسا ہو کہ اب کے بے وفائی مَیں کروں
تُو پھرے قریہ بہ قریہ کُو بہ کُو میرے لیے
میں تو لا محدود ہو جاؤں سمندر کی طرح
تو بہے دریا بہ دریا جُو بہ جُو میرے لیے
پھر زمیں کی سسکیاں اپنی لگیں خالدؔ مجھے
پھر ہُوا ہے جشنِ مرگِ آرزُو میرے لیے
٭٭٭
اُسے تو کھو ہی چکے پھر خیال کیا اُس کا
یہ فکر کیسی کہ اب ہوگا حال کیا اُس کا
وہ ایک شخص جسے خود ہی چھوڑ بیٹھے تھے
گھُلائے دیتا ہے دل کو ملال کیا اُس کا
تمھاری آنکھوں میں چھلکیں ندامتیں کیسے ؟
جواب بننے لگا تھا سوال کیا اُس کا
تمھارے اپنے ارادے میں کوئی جھول نہ تھا
کہو کہ ملنا تھا ایسا محال کیا اُس کا
وہ نفرتوں کے بھنور میں بھی مسکرا کے ملا
اب اس سے بڑھ کے بھلا ہو کمال کیا اُس کا
اب اس طرح بھی نہ یادوں کی کرچیاں چُنیے
نہ تھا فراق سے بہتر وصال کیا اُس کا
یہ سوچ کر نہ ملے پھر اُسے کبھی خالدؔ
کہ جا نے ہو گا ندامت سے حال کیا اُس کا
٭٭٭
نہیں کہ منزلِ اظہار تک رسائی نہیں کلیدِ عزم ابھی ہم نے آزمائی نہیں
کسی کو خندۂ جاں بخش دیں تو ہم کیسے ہمیں تو اپنے تبسّم سے آشنائی نہیں
یہ جُرم تو مجھے تسلیم ہے کہ میں نے کبھی
حدیثِ دل بطریقِ دگر سُنائی نہیں
نظر جو منزلِ موعود کی فصیل آئی تو یہ کھُلا کہ ہمیں اذنِ رہنمائی نہیں
وہ اُس نے پڑھ کے نگاہیں بھی پھیر لیں خالدؔ
جو بات اپنی زباں پر ابھی تک آئی نہیں
٭٭٭٭
دوستوں کے درمیاں دشمنوں کے درمیاں
پیاس کے صحرا میں ہم کرگسوں کے درمیاں
پتّیاں کمھلا گئیں کاغذوں کے درمیاں
لفظ دھُند لے ہو گئے آئینوں کے درمیاں
چاندنی کا تھال ہے پانیوں کے درمیاں
چند ویرانے بھی ہیں بستیوں کے درمیاں
بے بسی کی بات تھی خواہشوں کے درمیاں
کیا حکایت و فن تھی اِن لبوں کے درمیاں
خالدؔ اپنی ذات تھی سازشوں کے درمیاں ٭٭٭
برسوں پہلے کسی نے
برسوں پہلے کسی نے
طویل عمر کی دُعا دی تھی
اور ساتھ یہ بھی کہا تھا
کہ تُم ہنستے اچھے لگتے ہو
شاید اسی لیئے ہی
زندہ بھی ہوں اور خوش بھی
کہ جینے کا تو شوق نہیں
مگر یہ حوصلہ بھی نہیں
کہ اُس کی بات ٹال سکوں
٭٭٭
میرے تنہائی کے دن تُم مجھے واپس کر دو
میری یادوں کے اثاثے بھی مبارک ہوں تمھیں
میرے خوابوں میں جو زندہ تھے
وہ لمحے بھی تمھیں راس آئیں
میرے حصّے کی جو خوشیاں ہیں وہ مجھ سے لے لو
میرے تنہائی کے دن تم مجھے واپس کر دو
٭٭٭
ہمدمِ دیرینہ
ہمدمِ دیرینہ ملتے ہیں تو دنیا کے دُکھوں میں عافیت کا اِک دریچہ
جگمگا تا ہے
خراب آباد کے تپتے ہُوئے صحرا میں اِک ٹھنڈی ہَوا کی لہر چلتی ہے
سنہری اور روپہلی خواہشو ں کے جال پس منظر میں رہ جاتے ہیں
اور معصوم سا کومل سا بچّہ دھیان کی سرگوشیوں میں کِھلکھلاتا ہے
ہمدمِ دیرینہ ملتے ہیں تو کتنی بھُولی بِسری داستانیں یاد آ جاتی ہیں
کچھ ہنسنے کو کچھ رونے کو
اور کچھ یونہی بس خاموش بیٹھے سوچنے کو
کل کے پودے اب تناور پیڑ ہیں
اور وہ تناور پیڑ جن کے نِیچے ہم ساحر کی نظمیں اُونچی پڑھ کے
لذّت ڈھونڈتے تھے کٹ چکے ہیں
پر رفاقت کا گُلِ تازہ تو میری اور تمھاری سانس کی ٹہنی پہ اب بھی
مسکراتا ہے
ہمدمِ دیرینہ ملتے ہیں تو دُنیا کے دُکھوں میں عافیت کا اک دریچہ
جگمگاتا ہے
٭٭٭
ایک خط
چمن زادوں سے کہنا
دل نے ایسے زخم کھائے ہیں
وہ صدمے آزمائے ہیں
کہ اب لحنِ ہَوا میں وحشت ِ افتادگی ہے
اور نہ اندھی آنکھ خوابوں کو ترستی ہے
چمن زادوں سے کہنا
تم نے وہ باتیں بھلا دیں تھیں
تو اب کیوں دل کو خانوں میں مقیّد کر رہے ہو
جانتے ہو
ہم تو ذوقِ قیدِ ہستی کے پُرانے خوشہ چیں ہیں
جانتے ہو
ہم نے صدیوں کی گراں خوابی کو خود اپنا مقدر کر لی تھا
جانتے ہو
وحشتِ افتادگی لذّت ہے
اور لذّت تو زخموں کے عقب سے آنے والی
اُ س حرارت کو کہا کرتے ہیں
جو صدموں کو کندن کر دیا کرتی ہے
٭٭٭
سوال
میں تو بس یہ جانتا ہُوں
وہ اگر میرا ہے
وہ آنکھیں وہ بانہیں وہ نگاہیں
گیسوؤں کی وہ پناہیں
گر میری ہیں
وہ بدن کا لوچ وہ باتوں کا افسوں
وہ مدھر پاکیزگی ، شوخی ، حیا
فطرت کا وہ اُجلا سجیلا پن
وہ لب لعلِ بدخشاں
اور ماتھے پر اُبھرتے وہ سویرے
گر میرے ہیں
گفتگو کا فن کہ لفظوں کا مقدّر جاگتا ہو
خامشی کا وہ تقدّس کہ تکلّم سر نگوں ہو
مسکراہٹ ، کِھلتی کلیوں کا تحیّر
گنگنا ہٹ ، زندگی کی لہر
چاہت ، خواب دیسوں میں کِھلے خودرَو گلابوں کی طرح
خود سر بھی اور حسّاس بھی
نازک بھی اور پُر خار بھی
گر یہ سبھی کچھ ، یہ سبھی کچھ میرا اپنا ہے
وہ میرا ہے
تو پھر میں کس لئے آوارہ پتّوں کی طرح صحرا بہ صحرا
کُو بہ کُو قریہ بہ قریہ پھر رہا ہُوں
٭٭٭
گنہ گار
میں گنہ گار
جس کو نہ اپنی خطا پر ندامت ہُوئی
اور نہ توبہ کی توفیق تھی
میں ہمیشہ تیرے سائے میں تھا
مگر اُس کی ٹھنڈک سے محروم تھا
میں تیری روشنی کو نہاں خانۂ دل میں رکھے ہُوئے
اپنے تاریک چہرے کو اپنے شب و روز کا آئینہ جانتا تھا
مگر میرا دل مانتا تھا
کہ مجھ میں کوئی مجھ سے برتر ہے
جو نُور ہے اور ٹھنڈک ہے
جو میری ساری خطاؤں کے با وصف مجھ سے محبّت کیے جا رہا ہے
جو میرے سارے گناہوں کے با وصف میرے لیے نیکیاں سوچتا ہے
٭٭٭
بریکنگ پوائنٹ
جب ایک ساتھی کی خوشی
دوسرے کی اُداسی بن جائے
تو
ایک دُوسرے کو
چھوڑ دینا ہی بہتر ہے
٭٭٭
تم نے بھی کون سا چاہا تھا مجھے
تم نے بھی کون سا چا ہا تھا مجھے
میری باتیں بھی غلط میرے ارادے بھی غلط۔۔
بے وفائی کا یہ خود ساختہ بہتان بھی تسلیم مجھے
یہ بھی ما نا کہ غمِ دہر جواں تھا تو غمِ جاں
کو میری آنکھ کے آنسو نہ ملے
جب زمانو ں کی یہ بے مہر ہوائیں میری سوچوں کو جِلا دیتی ہیں
میں سو چتا ہوں
جب غمِ دہر کی پلکیں تری جانب میری شدّت کو گھٹا دیتی ہیں
میں سوچتا ہُوں
جب کھبی اپنی جفائیں مجھے خود اپنی نگاہوں میں گرا دیتی ہیں
میں سوچتا ہُوں
تم نے بھی کون سا چاہا تھا مجھے
٭٭٭
اب اُنھیں چاہو
اب اُنھیں چاہو
کہ جن کے واسطے تم نے میری چاہت کو اندھا غار سمجھا تھا
اب اُنھیں دیکھو
کہ جن کے واسطے تم نے میری آنکھوں میں بجھتے دائروں کو
دیکھ کر سوچا تھا ’’یہ سپنے ادھورے ہیں!‘‘
اب اُنھیں پُوجو
کہ جن کے سبز چہروں پر تمھارے ذہن کی پرچھائیاں ہیں
اب انھیں چاہو ، اُنھیں دیکھو ، اُنھیں پُوجو
کہ جن کے زرد ہاتھوں پر مرے جیتے لہو کے
سرخ دھبّے ہیں مگر ہونٹوں پہ میرے فن کی اور
تیری مدھر رعنائیوں کی داستانیں ہیں
کبھی تو دل سے کدورت مٹا کے مِل ظالم
کہ اب تو ایک زمانہ ہُوا ہے رنجش کو
٭٭٭
ماخذ:
http://www.urduworld.com/allpoets/289-khalid-shareef
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
لہو میں تر
شکیب جلالی
مجموعۂ کلام ’روشنی۔ اے روشنی‘ ا ور مزید کلام
تدوین: اعجاز عبید
غزلیں
رونق جہاں کی انجمن آرائیوں سے ہے
روتے ہیں دل کے زخم تو ہنستا نہیں کوئی
اتنا تو فائدہ مجھے تنہائیوں سے ہے
دیوانۂ حیات کو اک شغل چاہئیے
نادانیوں سے کام نہ دانائیوں سے ہے
قیدِ بیاں میں آئے جو ناگفتنی نہ ہو
وہ رابطہ جو قلب کی گہرائیوں سے ہے
نادِم نہیں داغِ فرومائیگی پہ میں
تیرا بھرم بھی میری جبیں سائیوں سے ہے
***
وہاں کی روشنیوں نے بھی ظلم ڈھائے بہت
میں اس گلی میں اکیلا تھا اور سائےبہت
کسی کے سر پہ کبھی ٹوٹ کرا گرا ہی نہیں
اس آسماں نے ہوا میں قدم جمائےبہت
نہ جانے رت کا تصرف تھا یا نظر کا فریب
کلی وہی تھی مگر رنگ جھلملائے بہت
ہواکا رخ ہی اچانک بدل گیا ورنہ
مہک کے قافلے صحرا کی سمت آئے بہت
یہ کائنات ہے میری ہی خاک کا ذرہ
میں اپنے دشت سے گزارا تو بھید پائے بہت
جو موتیوں کی طلب نے کبھی اداس کیا
تو ہم بھی راہ سے کنکر سمیٹ لائے بہت
بس ایک رات ٹھہرنا ہے کیا گلہ کیجے
مسافروں کو غنیمت ہے یہ سرائے بہت
جمی رہے گی نگاہوں پہ تیرگی دن بھر
کہ رات خواب میں تارے اُتر کے آئے بہت
شکیبؔ کیسی اُڑان، اب وہ پر ہی ٹوٹ گئے
کہ زیرِ دام جب آۓ تھے، پھڑپھڑاۓ بہت
***
یاد
رات اک لڑکھڑاتے جھونکے سے
ناگہاں سنگ سرخ کی سل پر
آئینہ گر کے پاش پاش ہوا
اور ننھی نکیلی کرچوں کی
ایک بوجھاڑ دل کو چیر گئی
***
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)