مانگے کا اجالا اور دوسرے ڈرامے
نورالعین علی
مانگے کا اجالا
کردار :
ظفر
نزہت
منی
(ظفر گنگناتا ہوا گھر میں داخل ہوتا ہے۔ )
ظفر :’’خودی نہ بیچ غریبی میں نام پیدا کر‘‘
ارے۔ ۔ ۔ خودی نہ بیچ غریبی میں۔ ۔ ۔
(مصرعہ ادھورا چھوڑ کر بے حد تعجب سے)
ارے !یہ کیا۔ ۔ ۔ ؟یہ میرا گھر ہے۔ ۔ ۔ اوہ!کہیں غلطی سے میں کسی اور کے گھر میں تو نہیں آ گیا۔ ۔ ۔ نہیں گھر تو میرا ہی ہے۔ ۔ ۔ (باہر نکل کر دروازے کے اوپر لکھا ہوا کمرے کا نمبر دیکھتا ہے۔ پھر اندر آتا ہے) کمرے کا نمبر بھی وہی ہے۔ ہاں، وہ صوفے کے نیچے سے جھانکتا ہوا ٹرنک بھی میرا ہی ہے۔ ۔ ۔ مگر یہ۔ ۔ ۔ ؟یہ کایا پلٹ کیسے ہو گئی؟ یہ قالین، یہ فلاور پاٹ۔ ۔ ۔ یہ سجاوٹ کا سامان؟(پکارتا ہے) نزہت۔ ۔ ۔ ! نازو ڈارلنگ۔ کہاں ہو بھئی؟جلدی آؤ۔ یہ سب کیا ہے ؟ کیا الہ دین کا چراغ ہاتھ آ گیا؟
(نزہت کی آواز اندر سے آتی ہے۔ )
نزہت : (اندر سے) آ رہی ہوں۔ ۔ ۔ (اسٹیج پر آ کر) توبہ ہے !آپ کی زبان ہے یا راجدھانی ایکسپریس!جو چلی تو رکنے کا نام ہی نہیں لیتی۔
ظفر : (سیٹ بجا کر) اخاہ! آج تو ہماری نازو بیگم کو نظر لگ رہی ہے۔ یہ سنگھار پٹار کس سلسلے میں ؟(گنگنا کر)
کسی سے آج بگڑی ہے جو یوں بن ٹھن کے بیٹھے ہیں۔
نزہت : (ناز سے بگڑ کر) شعر و شاعری کا دفتر لپیٹ کر رکھئے طاق پر اور جلدی سے تیارہو جائیے۔
ظفر :تیار۔ ۔ ۔ ؟کا ہے کے لیے ؟
نزہت :مجھے یقین تھا کہ آپ ضرور بھول گئے ہوں گے۔ وہ تو خدا کا شکر ہے کہ وقت پر گھر آ گئے۔ !
ظفر :گھر۔ ۔ ۔ ؟ہاں گھر تو میں ایک ضروری فائل لینے آیا تھا۔ کل آفس میں آڈٹ ہے۔ سب تیاری کر کے رکھنی ہے۔ !
نزہت : (بہت بگڑ کر) دیکھئے ظفر! آپ جان بوجھ کر مجھے جلانے کڑھانے کی باتیں نہ کیا کیجئے۔
ظفر :ہائیں۔ ۔ ۔ !عجیب چیز ہو بھئی تم بھی!میں نے تو تمہاری تعریف میں ایک مصرعہ پڑھا تھا اور تم اسے جلانے کڑھانے کی بات کہہ رہی ہو۔ ۔ ۔ !
نزہت :مصرعہ نہیں۔ ۔ ۔ یہ آپ کا۔ ۔ ۔ attitude ہے مجھے جلانے کی بات۔
ظفر :پلیز نزہت۔ ۔ ۔ میں بہت جلدی میں ہوں۔ پہیلیوں میں باتیں مت کرو۔ صاف صاف بتاؤ کیا بات ہے۔
نزہت :تو کیا آپ کو سچ مچ یاد نہیں کہ آج کیا دن ہے ؟
ظفر :یاد کیوں نہ ہوتا۔ آج بدھ کا دن ہے۔ تاریخ ۱۰/فروری ہے۔ دن کے بارہ بج چکے ہیں اور بتاؤ کیا کیا یاد دلاؤں ؟
نزہت : (غصے میں ہکلا کر) ب۔ ۔ ۔ ب۔ ۔ ۔ بنیے مت۔ اچھا میری قسم کھا کر کہیے کہ آپ کو کچھ یاد نہیں آ رہا ہے۔ ذرا اس کمرے پر نظر ڈالیے۔
ظفر :کمرے پر تو نظر ڈال کر حیران ہو چکا ہوں۔ پہلے تومیں سمجھا کہ کسی دوسرے کے گھر میں گھس آیا ہوں۔ پھر باہر نکل کر کمرے کا نمبر دیکھا تو یقین آیا کہ کمرہ ہمارا ہی ہے۔ مگر یہ سامان۔ ۔ ۔ ؟یہ سجاوٹ۔ ۔ ۔ ؟ یہ فرنیچر؟
نزہت :وہی تو یاد دلا رہی ہوں حضور کہ آج میری آپا افریقہ سے آ رہی ہیں۔
ظفر :گڈ گاڈ۔ ۔ ۔ آپا کے افریقہ سے آنے اور ان کے آنے سے پہلے ہی اچانک اس سب ساز و سامان کے ہمارے گھر میں آ جانے سے کیا تعلق ہے ؟
نزہت :ساری دنیا کے مرد عورت کو بے وقوف، مورکھ اور نہ جانے کیا کیا نام دیتے ہیں۔ آج میرا دل چاہ رہا ہے کہ یہی سب نام آپ کودوں اور انھیں ناموں سے پکاروں ؟
ظفر :پکار لو۔ ۔ ۔ پکار لو۔ کم از کم تمہارے دل کا بوجھ تو ہلکا ہو جائے۔ اس کے بعد بتا دینا کہ یہ سب جادو کا کھیل کیسے ہوا؟ایک غریب اپر ڈویژن کلرک کے اکلوتے کمرے میں۔ ۔ ۔ سوری! ڈیڑھ کمرے میں یہ سب قیمتی سامان کہاں سے آ گیا؟
نزہت :اسی لیے تو کہتی ہوں کہ آفس کی فائلوں کے سوا نہ کچھ آپ کی سمجھ میں آتا ہے اور نہ کچھ نظر آیا ہے۔
ظفر :یہ تو بالکل غلط ہے بھئی!۔ ۔ ۔ آج تو وہ کچھ نظر آ رہا ہے جو شاید پندرہ برس پہلے نظر آیا کرتا تھا۔ جب ہماری نئی نئی شادی ہوئی تھی اور تم روز سج بن کر اسی طرح میرا انتظار کیا کرتی تھیں۔ ۔ ۔ اور آج اسی سج دھج کے ساتھ تم غصے سے تیوری چڑھا رہی تو(گنگناتا ہے۔ )
’’بھویں تنتی ہیں، خنجر ہاتھ میں ہے تن کے بیٹھے ہیں
کسی سے آج بگڑی ہے جو یوں بن ٹھن کے بیٹھے ہیں ‘‘
نزہت :ظفر پلیز۔ ۔ ۔ !تھوڑی دیر کے لیے تو سیریس ہو کر میری بات سن لیجئے۔
ظفر :OK, OK جلدی سے کہو جو کچھ کہنا ہے۔ مجھے بھی آفس پہنچنے کی جلدی ہے۔
نزہت :آفس وافس کو مارئیے گولی۔ میں نے آپ سے چار دن پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ بدھ کے دن آپا کو ریسیو کرنے ایئر پورٹ چلنا ہے۔ چھٹی لے لیجئے گا۔
ظفر :او گاڈ۔ ۔ ۔ مجھے تو یاد ہی نہیں رہا۔ کتنے بجے ہے ان کا پلین؟
نزہت :جب آپ کو پلین کے آنے کا وقت یاد نہیں تو شاید یہ بھی یاد نہ ہو گا کہ آپ نے پروہت صاحب سے کار مانگنے کا وعدہ کیا تھا۔ ایئرپورٹ جانے اور آپا کو گھر تک لانے کے لیے !
ظفر :پروہت صاحب سے کار مانگنے کا وعدہ میں نے نہیں کیا تھا تمہیں نے زبردستی مجھ پر لادا تھا۔ میں نے تم سے بار بار کہا تھا کہ پربھا تمہاری سہیلی ہے۔ تم ہی اس سے بات کرو۔
نزہت :ہونہہ۔ ۔ ۔ !پربھا سے کار لانے کو کہتی تو آپا کو کیا جواب دیتی؟
ظفر :یہ کیا بات ہے بھئی!
نزہت :آپ کی عقل تو واقعی اس وقت آپ کے فائل میں بند ہو گئی ہے۔ ارے بھئی پربھا کو آپا جانتی ہیں۔ اگر وہ خود کار ڈرائیو کر کے لائیں گی تو آپا سمجھ نہیں جائیں گی کہ کار ہماری نہیں ہے !
ظفر : (بے حد تعجب کے ساتھ) یعنی۔ ۔ ۔ ؟یعنی۔ ۔ ۔ ؟تم کہنا کیا چاہتی ہو؟
نزہت : (بہت لاڈ سے اٹھلا کر) ظفر ڈارلنگ۔ ۔ ۔ میری اتنی سی بات مان لیجئے۔ میری لاج اب آپ کے ہاتھ میں ہے۔ آپا صرف دو دن یہاں رہیں گی۔ پرسوں اپنے سسرال رتناگیری چلی جائیں گی۔
ظفر :تم کیا چاہتی ہو کہ میں انھیں رتناگیری جانے سے روک لوں۔ ۔ ۔ ؟
نزہت : (بے حد غصے سے) بیچ میں بات مت کاٹیے۔ پہلے پوری بات سن لیجئے۔ آپا صرف دو دن ہمارے گھر رہیں گی۔ آپ جا کر پروہت صاحب سے بات کر لیجئے کہ دو دن کے لیے اپنی کار اور شوفر بھجوا دیں۔ سنیچر کے دن ہم واپس بھیج دیں گے۔
ظفر :مگر کیوں۔ ۔ ۔ ؟کیا بمبئی میں دو دن تک ٹیکسیوں کی ہڑتال ہونے والی ہے جو ہم پروہت صاحب کی کار مانگیں۔ ۔ ۔ ؟ اور پھر ان کے گھر شوفر ہے کہاں ؟ وہ خودکار چلاتے ہیں یا پھر تمہاری سہیلی پربھا چلاتی ہے۔
نزہت :خیر شوفر کا انتظام میں کر لوں گی۔ کسی بھی ڈرائیونگ ا سکول سے دو دن کے لیے ڈرائیور بلوا لیں گے۔ جو بھی اجرت مانگے گا دے دیں گے۔ اب آپ فوراً جا کر پروہت صاحب کو فون کر دیجئے کہ کسی کے ہاتھ کار بھجوا دیں۔ آخر اتنے بڑے کالج کے پرنسپل ہیں۔ ان کے لیے کون سی مشکل کی بات ہے۔ کیا وہ کسی کے ہاتھ کار نہیں بھجوا سکتے ؟
ظفر :وہ تو بھجوا سکتے ہیں مگر میں نہیں منگوا سکتا۔ (لمبا سانس کھینچ کر) ہوں۔ ۔ ۔ !تواب سمجھ میں آیا!یہ سب سامان تم نے اڑوس پڑوس سے مانگ کر جمع کیا ہو گا!
نزہت :آپ کو اس معاملے میں بولنے کی ضرورت نہیں۔ میں نے پڑوس سے منگوایا ہو یا بازار سے۔ آپ سے تو کچھ کرنے کو نہیں کہا۔ کچھ لانے کی فرمائش نہیں کی۔ پھر آپ کو کیوں اعتراض ہے ؟
ظفر :مجھے تمہاری اس عادت پر اعتراض ہے کہ جو ہو نہیں وہ دکھانے کی کوشش کرتی ہو۔ تمہاری سگی بہن اتنی مدت بعد افریقہ سے آ رہی ہے اور تم اس کے آنے پر خوش ہونے کی بجائے یہ۔ ۔ ۔ یہ سب نمائش کر رہی ہو!سچ سچ بتاؤ یہ قالین کس کے گھرکا ہے ؟
نزہت : (بہت اداس آواز میں) شرما صاحب کے گھرکا۔ ان کی مسز نے خود کہا تھا کہ لے جاؤ۔ میں نے تھوڑی مانگا تھا۔
ظفر :تم نے مانگا تو نہیں ہو گا، مگر ان کے سامنے رونا ضرور رویا ہو گا کہ’’ سولہ سال بعد بہن افریقہ سے آ رہی ہے۔ میرا اجاڑ خالی گھر دیکھ کر کیا کہے گی۔ ‘‘بس تمہاری سہیلی نے ترس کھا کر قالین دے دیا ہو گا۔
نزہت : (غصے سے) ترس کھا کر کیوں دیتی۔ میں کوئی بھکارن ہوں جو وہ مجھ پر ترس کھاتیں۔ ۔ ۔ !
ظفر : اور یہ ڈائننگ ٹیبل۔ یہ ڈائننگ سیٹ کس کے گھر سے منگوائے ہیں ؟
نزہت :آپ کو ان باتوں سے کیا غرض۔ ۔ ۔ ؟
ظفر :غرض صرف اتنی ہے کہ یہ ڈائننگ سیٹ اتنا قیمتی ہے کہ اگر اس میں سے ایک چیز بھی ٹوٹ گئی تومیں اپنی تین مہینے کی تنخواہ دے کر بھی اس کی قیمت ادا نہیں کر سکوں گا۔ (خوشامد کے انداز میں) مان جاؤ ڈارلنگ۔ واپس کر دو یہ سب چیزیں۔ تمہاری بہن تم سے ملنے آ رہی ہے یا ان سب چیزوں۔ ۔ ۔ اس فرنیچر۔ ۔ ۔ اس ڈائننگ سیٹ سے۔
نزہت : (رونا شروع کر دیتی ہے) آپ نہیں جانتے ظفر۔ ۔ ۔ !آپا چاہتی تھیں کہ میری شادی ان کے چچا زاد دیور سے ہو۔ وہ بھی بڑا بزنس مین ہے۔ بہت امیر ہے۔ مگر میں تو آپ سے وعدہ کر چکی تھی۔
ظفر : (ٹھنڈا سانس لے کر، یاد کرنے کے انداز میں) اور میں اس وقت ایک معمولی جونیئر کلرک تھا۔
نزہت :مگر میری نظر میں اس لکھ پتی بزنس مین سے لاکھ درجہ بہتر تھے۔
ظفر : (اداس لہجے میں) تو کیا آج شادی کے پندرہ سال بعد تمہیں پچھتاوا ہو رہا ہے ؟
نزہت :نہیں ظفر۔ ۔ ۔ !میں آج بھی آپ پرسے ہزاروں لکھ پتی قربان کر سکتی ہوں۔ مگر میں نہیں چاہتی کہ آپا ہمارا ٹوٹا پھوٹا، خالی، اجاڑ گھر دیکھ کر مجھ پر ترس کھائیں اور میرے زخموں پر نمک چھڑکنے کے لیے کہیں کہ اگر ان کے دیور سے شادی کر لیتی تو آج کتنے سکھ میں رہتی۔ ۔ ۔ !
ظفر : (بے حد اداس لہجے میں) تو کیا اب تم دکھ میں ہو نزہت؟ میرے ساتھ سکھی نہیں ہو۔ ۔ ۔ ؟
نزہت :نہیں ظفر پلیز!مجھے غلط مت سمجھئے۔ آپ کے ساتھ میں بے حد سکھی ہوں، بہت خوش ہوں مگر آپا کو بھی دکھانا چاہتی ہوں کہ میں بہت خوش ہوں۔ ۔ ۔ !
ظفر :تمہاری ڈکشنری میں اس لفظ ’’خوش‘‘ کے معنی کیا ہیں نازو۔ ۔ ۔ ؟
نزہت :آپ اس وقت میرا امتحان نہ لیجئے۔ خدا کے لیے میری مدد کیجئے۔ اس وقت میرے دل کی جو حالت ہے اسے سمجھنے کی کوشش کیجئے۔
ظفر :تمہارے دل کی حالت میں اچھی طرح سمجھ گیا ہوں۔ تم نادان بچوں کی طرح ضد کر رہی ہو۔ غریب کلرک کی بیوی ہو مگر افریقہ سے آنے والی امیر بہن کو دکھانا چاہتی ہو کہ تم بھی امیر آدمی کی بیوی ہو۔ معاف کرنا نازو!میں اس جھوٹ میں تمہارا ساتھ نہیں دے سکتا۔ ۔ ۔ (بہت اداس لہجے میں) پندرہ سال پہلے جب میں بالکل جونیئر کلرک تھا اس وقت تم نے سارے خاندان کی مرضی کے خلاف بڑے فخر سے میرا ہاتھ پکڑا تھا۔ ۔ ۔ اور آج۔ ۔ ۔ !جبکہ میں آفس سپرنٹنڈنٹ بننے والا ہوں تو آج مجھ میں آخر ایسی کون سی خرابی پیدا ہو گئی کہ تم لوگوں سے چیزیں مانگ مانگ کر، ان کے پردے میں میری یہ برائی۔ ۔ ۔ یعنی میری غریبی چھپانا چاہتی ہو۔ ۔ ۔ ؟
نزہت :ظفر۔ ۔ ۔ !بحث میں تو نہ میں آپ سے کبھی جیتی نہ کبھی جیت سکوں گی۔ اس لیے اب میرا آخری فیصلہ سن لیجئے کہ اگر ۔ ۔ ۔
(دروازہ پر دستک ہوتی ہے۔ )
افوہ۔ ۔ ۔ !کون کمبخت آ گیا اس وقت۔ لوگ منٹ بھر کو چین سے نہیں بیٹھنے دیتے۔ جائیے ظفر آپ دروازہ کھولیے۔ میں ذرا منہ ہاتھ دھوکر تھوڑا میک اپ درست کر لوں۔ آپ نے اس وقت مجھے رلا کر اتنی محنت سے کیا ہوا میک اپ برباد کروا دیا۔ !
ظفر :سبحان اللہ!آپ کو میک اپ کا غم ستا رہا ہے اور یہ جو مانگی تانگی چیزوں کی حفاظت کا پرابلم ہے۔ اس کی ذرا بھی فکر نہیں۔
(دروازہ پھر زور سے کھٹکھٹایا جاتا ہے۔ )
آ رہا ہوں بھئی!۔ ۔ ۔ (جا کر دروازہ کھولتا ہے۔ منی داخل ہوتی ہے۔ ) ارے منی!تو اس وقت کیسے آ گئی؟۔ ۔ ۔ کیا ا سکول میں چھٹی ہو گئی۔
منی :نہیں پاپا!۔ ۔ ۔ آدھے دن کی چھٹی لے کر آئی ہوں۔ ممی سے صبح ہی چھٹی لکھوا کر لے گئی تھی۔ خالہ جان کو ریسیو کرنے میں بھی تو ایئرپورٹ جاؤں گی۔
ظفر :اچھا اچھا ضرور چلنا۔ ۔ ۔ میں ذرا جا کر آفس میں فون کر دوں کہ آج نہیں آ سکوں گا۔ ۔ ۔ اور ہاں وہ تمہاری امیر کبیر خالہ جان، افریقہ کے بہت بڑے بزنس مین کی بیوی کا پلین کتنے بجے آ رہا ہے ؟
منی :شاید شام کو چار بجے۔ ۔ ۔ ابھی تو بہت وقت ہے۔ ابھی سے کپڑے بدل لیے تو خراب ہو جائیں گے۔ پاپا! میں مڈی پہنوں یا میکسی؟
ظفر :بھئی ان باتوں میں اپنی ممی سے رائے لیا کرو۔ میری مانو تو انھیں کپڑوں میں چلو۔ بڑی پیاری لگ رہی ہو۔
منی : (ہنس کر) اوہ پاپا!یہ کپڑے ؟۔ ۔ ۔ ا سکول کایونیفارم پہن کر ایئرپورٹ جاؤں ؟۔ ۔ ۔ کیا آپ نے دیکھا نہیں لوگ کتنے اچھے اچھے کپڑے پہن کر ایئرپورٹ جاتے ہیں۔
ظفر :لوگ۔ ۔ ۔ !بس تم اور تمہاری ممی دونوں دن رات اسی فکر میں ہو کہ لوگ جتنی نمائش کریں، تم ان سے زیادہ کر کے دکھاؤ۔
(نزہت آتی ہے۔ )
نزہت :شروع کر دی آپ نے میری شکایت؟۔ ۔ ۔ جاؤ منی جا کر کپڑے بدلو۔ اور ۔ ۔ ۔ (رک رک کر)وہ۔ ۔ ۔ وہ۔ ۔ ۔ !
منی :جی ہاں ممی۔ ۔ ۔ !جی ہاں۔ ۔ ۔
(منی جانے لگتی ہے۔ )
ظفر :یہ کیا اشارے ہو گئے ماں بیٹی میں ؟
نزہت :آپ نہیں سمجھیں گے !
ظفر :نہیں سمجھا اسی لیے تو پوچھ رہا ہوں۔ منی۔ ۔ ۔ اے منی۔ ۔ ۔ یہاں آؤ۔
منی :جی پاپا۔ ۔ ۔ !
ظفر :کیا تم بھی اپنی سہیلی سے آج کچھ مانگ کر لائی ہو؟
منی : (گھبراہٹ میں ہکلا کر) پپ۔ ۔ ۔ پپا۔ ۔ ۔ آپ سے کس نے کہا؟
ظفر :کہتا کون؟میں اپنی بیوی اور بیٹی کو اچھی طرح سمجھتا ہوں۔ دکھاؤ کیا چیز ہے ؟
(مٹی خاموش سر جھکائے بستے میں کچھ ٹٹول رہی ہے۔ )
ظفر : (چیخ کر) دکھاتیں کیوں نہیں۔ ۔ ۔ ؟ کیا چیز لائی ہو اور کس سے مانگ کر لائی ہو؟
نزہت :بچی پرکیوں غصہ اتار رہے ہو۔ اس کا قصور نہیں ہے۔ میں نے اس سے کہا تھا کہ۔ ۔ ۔
ظفر : (بات کاٹ کر) کہ بھیک مانگ لینا!
نزہت :ظفر۔ ۔ ۔ ظفر۔ ۔ ۔ !خدا کے لیے بار بار یہ بھیک مت دہراؤ۔ کسی دوست سے یا کسی سے ذرا سی دیر کو کوئی چیز مانگ لینا بھیک مانگنا نہیں ہے۔
ظفر :یقیناً نہیں ہے۔ لیکن ضرورت کی کوئی چیز ہو تب!یہ بلاوجہ نمائش کرنے کے لیے، شو آف کرنے کے لیے، اپنی بہن پر امپریشن جمانے کے لیے جو چیزیں تم نے مانگ مانگ کر جمع کی ہیں سب بھیک ہے اور تم نے اپنے ساتھ لڑکی کو بھی بھیک مانگنا سکھا دیا ہے۔
نزہت :ظفر اس طرح طعنے دے دے کر آپ مجھے پاگل بنا دیں گے۔
ظفر : اور اس طرح میری غریبی کا مذاق اڑا اڑا کر تم مجھے دیوانہ بنا دو گی۔ ۔ ۔ اچھا ہے۔ ہم دونوں پاگل اور دیوانے ہو کر جنگل میں نکل جائیں گے۔ منی کاکیا ہے۔ یتیم خانے میں پل جائے گی۔ ۔ ۔ دکھاؤ منی کیا چیز مانگی ہے تم نے ؟۔ ۔ ۔ اور اس لڑکی کا نام بھی بتاؤ جس سے مانگی ہے۔ ابھی، اسی وقت واپس کر کے آؤ۔
منی :جی۔ اچھا۔ ۔ ۔ !(بستے میں سے ایک ڈبہ نکال کر کھولتی ہے۔ پھر زور سے چیخ مارکر) ممی۔ ۔ ۔ پاپا۔ ۔ ۔ غضب ہو گیا۔ میرے بستے میں سے گھڑی غائب ہے !
ظفر :او گاڈ۔ ۔ ۔ !کیا کہہ رہی ہو منی؟کیسی گھڑی تھی؟۔ ۔ ۔ کہاں رکھی تھی؟
منی :میری سہیلی تسنیم کی گھڑی تھی۔ ممی نے کہا تھا دو دن کے لیے مانگ لو۔ خالہ جان کے جانے کے بعد واپس کر دینا۔
نزہت :تم نے رکھی کہاں تھی۔ ۔ ۔ ؟
منی :تسنیم نے اپنے ہاتھ سے اتار کر میرے اس پنسلوں کے ڈبے میں رکھ دی تھی۔
نزہت :اری کمبخت! اسی وقت ہاتھ میں کیوں نہیں باندھ لی!
منی : (روہانسی ہو کر) کلاس کی ساری لڑکیوں کو معلوم ہے کہ میرے پاس گھڑی نہیں ہے۔ اسی وقت باندھ لیتی تو سب لڑکیوں کو پتہ چل جاتا کہ میں نے تسنیم سے مانگی ہے۔
ظفر :لو سن لو۔ ۔ ۔ !یہ تربیت دی ہے تم نے لڑکی کو! خود تو تباہی کے راستے پر جا رہی ہو۔ منی کو بھی وہی راہ دکھا دی۔ ۔ ۔ !
نزہت :ظفر!خدا کے لیے مجھ پر رحم کیجئے۔ یہ طعنے دینے کا وقت نہیں ہے۔ یہ سوچئے کہ ہم تسنیم کی گھڑی کی قیمت کیسے دے سکیں گے ؟
منی : (سسکیاں لے کر) ممی!فارن کی گھڑی تھی۔ اس کے انکل سعودی عرب سے لائے تھے۔ دو ڈھائی ہزار کی تو ہو گی ہی!
نزہت :ہائے اللہ!اب کیا ہو گا؟
ظفر :ہو گا کیا۔ ۔ ۔ !ساری عزت خاک میں مل جائے گی۔ ابھی تک تو ہم صرف غریب تھے۔ تم ایک معمولی کلرک کی بیوی کہلاتی تھیں۔ اب چور کہلاؤ گی!۔ ۔ ۔ خوب نام ہو گا سارے محلے میں۔ تسنیم کے ماں باپ پولیس لے کر آئیں گے۔ گھرکی تلاشی ہو گی۔ پولیس منی کو تھانے لے جائے گی۔ سوال جواب کرے گی اور یہ سب ہو گا آپ کی امیر بہن۔ ۔ ۔ افریقہ کے بہت بڑے بزنس مین کی بیوی کے سامنے۔ ۔ ۔ !
نزہت : (روکر) ظفر۔ ۔ ۔ ظفر!مت اتنے ظالم بنو! میرے زخموں پر نمک مت چھڑکو۔ ۔ ۔ میں بے حد شرمندہ ہوں۔
ظفر :اب آپ کی شرمندگی سے کوئی فائدہ نہیں نزہت سلطانہ صاحبہ! اسی دن کا مجھے ڈر تھا۔ اسی لیے ہمیشہ کہتا تھا کہ ’’پاؤں اتنا پھیلائیے جتنی چادر ہو وے ‘‘ کیوں کہ مانگے کے اجالے سے گھر روشن نہیں ہوتا۔
(نزہت ہاتھوں میں منہ چھپا کر صوفے پرگر جاتی ہے اور منی اس سے لپٹ کر رونے لگتی ہے۔ )
(پردہ)
***
ماخذ: ’’سوچ لیجئے ‘‘،
نور العین علی
یہ دن بار بار آئے
کردار :
ابا
امی
جنید
رابعہ
خالدہ: پڑوسن
کریمن بی: ملازمہ
ریاض:خالدہ کا لڑکا
(رابعہ میز کے پاس کھڑی بستے میں کچھ تلاش کر رہی ہے۔ جنید آتا ہے۔ )
جنید :میرے بستے میں سے کیا لیا تم نے ؟
رابعہ :کچھ بھی تو نہیں۔
(دونوں ہاتھ کھول کر دکھاتی ہے۔ )
جنید :پھر ہاتھ کیوں لگایا میرے بستے کو؟
رابعہ :میرا رنگین پنسلوں کا ڈبہ نظر نہیں آ رہا ہے۔
جنید :مجھے دیا تھا کیا جو میرے بستے میں تلاش کر رہی ہو؟
رابعہ :آخر گیا کہاں میرا ڈبہ!
جنید :گیا ہو گا کہیں۔ (زور سے چلا کر) ہٹو یہاں سے !
(رابعہ کو دھکّا دیتا ہے۔ رابعہ چیختی ہے۔ )
رابعہ :امی!دیکھئے بھیا کو۔
(امی آتی ہے۔ )
امی :ارے کیا ہو رہا ہے یہ، کیوں شور مچا رہے ہو تم لوگ؟
(امی کو آتا دیکھ کر رابعہ رونے لگتی ہے۔ )
رابعہ :امی، بھیا نے مجھے مارا۔
امی :دیکھو تمہارے ابا بہت ضروری کام کر رہے ہیں۔ تم لوگ اس طرح شور مچا کران کے کام کا حرج کر رہے ہو۔
جنید :امی، یہ جھوٹ بول رہی ہے۔ میں نے نہیں مارا، بس ذرا سا دھکا دیا تھا۔
ابا : (دوسرے کمرے سے آتے ہیں) یہ بچے اسی طرح لڑتے جھگڑتے اور شور مچاتے رہے تو میرا کام ہو چکا۔
امی :آپ اپنے کمرے میں جائیے۔ ان کو میں چپ کراتی ہوں۔
ابا :مگر یہ دونوں ہر وقت لڑتے کیوں رہتے ہیں۔ انسانوں کی طرح نہیں رہتے۔
امی :بس ذرا ذرا سی بات پر چھینا جھپٹی، مار پٹائی، توتو، میں میں۔ میں عاجز آ گئی ان کے لڑائی جھگڑوں سے۔
ابا :ٹھیک ہے لڑو جی بھرکے۔ میں ہی آفس چلا جاتا ہوں۔ بیٹھ کے کام کروں گا۔
(ابا اپنے کمرے میں چلے جاتے ہیں۔ )
(خالدہ آتی ہیں۔ )
خالدہ :السلام علیکم!
امی :وعلیکم والسلام!آؤ خالدہ بیٹھو۔
خالدہ :نہیں بھابی!بیٹھنے کا وقت نہیں ہے۔ میں تو یہ پوچھنے آئی تھی کہ سب خیریت ہے نا؟
امی :ہاں ہاں !اللہ کا شکر ہے سب خیریت ہے۔ مگر تم ایسے کیوں پوچھ رہی ہو؟
خالدہ :کل آپ کے گھر تار آیا تھا نا؟
امی :نہیں، ہمارے گھر تو کسی کا تار نہیں آیا۔
خالدہ :کل رات کے دس بجے کے قریب آیا تھا۔ آپ کے گھر میں شاید کوئی نہیں تھا۔ وہ اطلاع کا کاغذ دروازے میں سے ڈال کر چلا گیا ہو گا۔
امی :نہیں نہیں، کریمن بی گھر ہی پر تھیں۔ ہم لوگ تو ایک جگہ دعوت میں گئے تھے۔ (کریمن بی کو آواز دیتی ہے) کریمن بی!
کریمن بی :جی، بیگم صاحب!
امی :کل ہمارے جانے کے بعد کیا تم بھی کہیں چلی گئی تھیں ؟
کریمن بی :بس دو منٹ کو نکڑ تک پان لانے گئی تھی۔
خالدہ :بس، اسی وقت تار والا آیا ہو گا۔
امی :مگر ہمیں تو کوئی اطلاع کا کاغذ نہیں ملا۔ جنید جاؤ، اپنے ابا سے پوچھ کر آؤ۔ خالدہ تم بھی اب بتا رہی ہو!
خالدہ :اے لو!مجھے کیا پتہ کہ آپ لوگوں کو اس کی اطلاع ہی نہیں۔
امی :کریمن بی، تم پان لے کر آئیں تو تم نے یہاں دروازے کے پاس کوئی کاغذ پڑا دیکھا؟
کریمن بی :نہیں بیگم صاحب!
(ابا آتے ہیں۔ )
ابا :یہ تار کا کیا قصہ ہے بھئی؟
خالدہ :السلام علیکم بھائی صاحب!کل رات آپ کے گھر تار آیا تھا۔ دروازے میں تالا تھا۔ میں نے تار والے کو خود اپنی آنکھوں سے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔
امی :ہم لوگ دعوت سے لوٹے تب آپ نے کوئی کاغذ واغذ دیکھا تھا کیا؟
ابا :اب کاغذ کا رونا رونے سے بہتر ہے کہ ٹیلی گراف آفس جا کر پتہ چلایا جائے۔
جنید :میں چلا جاؤں ابا؟سائیکل پر ابھی گیا اور ابھی آیا۔
امی :نہیں، تم نہیں جاؤ گے۔ وہاں چوک پر بے حد بھیڑ رہتی ہے۔ موٹر گاڑیاں، ٹرک اور نہ جانے کیاک یا۔ خدانخواستہ کوئی حادثہ ہو گیا تو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔
ابا :اسے جانے دو!بارہ سال کا ہو گیا ہے۔ کب تک بچہ بنا کے گھر میں بٹھائے رکھو گی۔
امی :آپ خود کیوں نہیں چلے جاتے۔
ابا :یہ رپورٹ پوری کر کے آج میٹنگ میں پیش کرنی ہے ورنہ تار کی خبر سن کر کیا میں اتنی دیر رکتا؟
امی :میں چلی جاؤں رکشا میں ؟
ابا :نہیں نہیں، تم کہاں پھرو گی ماری ماری۔ جنید ہی چلا جائے گا۔
جنید : (بے حد خوش ہو کر) جی ہاں ابا میں چلا جاتا ہوں۔
امی :دنیا ادھر کی ادھر ہو جائے جنید کو تو میں سائیکل پراس طرف جانے نہیں دوں گی۔
ابا :تم صرف بات کاٹتی رہو گی یا یہ بھی بتاؤ گی کہ پھر تار لانے کون جائے ؟۔ ۔ ۔ شاید کلکتے سے کلیم صاحب کا تار آیا ہو۔ ان کے ایک فیصلے پر میرے کاروبار میں ہزاروں کا نفع یا نقصان ہو سکتا ہے۔
خالدہ :آپ لوگ پریشان نہ ہوں۔ میں گھر جا کر ریاض کو بھیجتی ہوں۔ آج اس کی چھٹی ہے، جا کر تار لے آئے گا۔
امی :ہاں بی بی ذرا جلدی بھیج دو۔ کہیں زینت آپا کا نہ ہو۔ ان کے شوہر کئی دن سے اسپتال میں ہیں۔ خدا خیر کرے۔ نہ جانے کیا خبر ہو گی۔ اللہ سب کی خیریت کی خبر سنوائے۔
(آواز بھرا جاتی ہے۔ )
خالدہ :جی بس، ابھی بھیجتی ہوں۔
(جاتی ہے۔ )
(ابا ہاتھ پیچھے باندھے کمرے میں ادھر ادھر ٹہل رہے ہیں۔ )
امی :مجھے تو لگتا ہے میرے ہی لیے آیا ہے یہ تار۔ میری قسمت ہی ایسی ہے۔ ذرا چند دن سکون کے گزرتے ہیں کہ پھر کوئی نہ کوئی آفت سر پر آ پڑتی ہے۔
(رونے لگتی ہے۔ رابعہ دوڑ کر آتی ہے۔ ماں سے لپٹ جاتی ہے۔ )
رابعہ :امی!میری امی، روئیے مت۔
ابا : (زور سے) خاموش رہو تم دونوں۔ بیوقوفوں کی طرح آنے والی مصیبتوں پر پہلے سے ہی رونے بیٹھ گئیں۔ یہ تار یقیناً کلیم صاحب کا ہے۔ اگر انھوں نے اب انکار کر دیا تو میرا لاکھوں کا نقصان ہو جائے گا۔
امی :میرا دل کہہ رہا ہے کسی کی سناونی آئی ہے۔ آپ کو تو ہر وقت بس اپنے نفع نقصان کی پڑی رہتی ہے۔
ابا :میرے نفع نقصان میں تمہارا کوئی حصہ نہیں ؟کیا میرے نقصان سے تمہاری زندگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا؟جب کہتی ہو ایسی ہی بے تکی بات کہتی ہو۔
(غصے میں بھرے اندر کمرے میں چلے جاتے ہیں۔ )
امی :کریمن بی!ایک گلاس پانی لاؤ۔ ارے میرے کلیجے میں آگ سی لگ رہی ہے۔
کریمن بی : (پانی کا گلاس لاتی ہیں) لو بیگم صاحب!
امی : (پانی پی کر گلاس میز پر رکھ دیتی ہیں۔ کریمن بی کھڑی ہیں) جاؤ جا کر بچوں کا ناشتہ تیار کرو۔ ا سکول کا وقت ہو رہا ہے۔
(کریمن بی اسی طرح کھڑی ہیں۔ )
امی :تم جاتیں کیوں نہیں ؟
کریمن بی :بیگم صاحب!برا نہ مانو تو ایک بات کہوں ؟
امی :ہاں، کہو!
کریمن بی :بات یہ ہے بی بی کہ تار میرے نام کا بھی ہو سکتا ہے۔
(رابعہ دوڑ کر کریمن بی کے پاس آتی ہے۔ )
رابعہ :کیوں کریمن بی، کس کا تار ہو سکتا ہے تمہارے نام؟
کریمن بی :میرا دیور میرے کھیت پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ کورٹ میں مقدمہ چل رہا ہے نا۔ میرے دیور کے حق میں ضرور فیصلہ ہوا ہو گا۔ اسی لیے شاید میرے بھائی نے تار دیا ہو۔
(زمین پر بیٹھ کر آنچل سے منہ چھپا کر چپکے چپکے رونے لگتی ہے۔ )
رابعہ : (اس کے پاس بیٹھ کر) روؤ مت کریمن بی۔
(اس کا سر اٹھا کر آنسو پونچھتی ہے۔ )
(ابا آتے ہیں۔ )
ابا :کیا ہوا کریمن بی!کیوں رو رہی ہو؟
کریمن بی :صاحب جی!یہ تار تو میرے نام آیا ہے۔ میرا کھیت میرے ہاتھ سے گیا۔ صاحب جی، میرا کھیت تو گیا۔
(زور زور سے رونے لگتی ہے۔ )
ابا :لاحول ولاقوۃ! بس ان کی کسر رہ گئی تھی۔
(پھر باہر نکل جاتے ہیں۔ )
امی :اٹھو کریمن بی۔ ریاض کو آنے دو۔ جاؤ بچوں کا ناشتہ تیار کرو۔ چلو رابعہ میں تمہیں تیار کر دوں۔ جنید، اٹھو بیٹے، تم بھی تیاری کرو۔
(امی آنسو پونچھتی ہوئی دوسرے کمرے میں چلی جاتی ہیں۔ )
رابعہ :ابھی آتی ہوں امی، ذرا بستہ ٹھیک کر لوں۔
(جنید ہاتھوں سے سر پکڑے خاموش بیٹھا ہے۔ رابعہ بستے میں کتابیں رکھتے ہوئے اس کی طرف دیکھتی ہے، پھر کتابیں ایک طرف پھینک کر اس کے پاس جاتی ہے۔ )
رابعہ :بھیا کیا ہوا؟
جنید : (سر اٹھا کر) رابعہ میں تم سے لڑتا ہوں نا؟
رابعہ :تو کیا ہوا بھیا!میں بھی تو لڑتی ہوں۔
جنید :میں کہیں چلا گیا تو تم اکیلی خوش رہو گی۔ کوئی ستانے والا نہیں ہو گا۔
رابعہ :نہیں بھیا نہیں۔ میں اکیلی کبھی خوش نہیں رہوں گی، مگر تم جا کہاں رہے ہو؟
جنید :رابعہ وہ تار دراصل میرے لیے آیا ہے۔
رابعہ :کیوں، کیوں ؟کس کا؟
جنید :تمہیں یاد ہے چچا جان چھٹی میں آئے تھے۔ ان کی سامنے بھی ہم دونوں ایک دن بہت لڑے تھے۔
رابعہ :ہاں، تم نے میرے بال پکڑ کر کھینچے تھے۔
جنید : اور تم نے میری قمیص پھاڑ دی تھی۔
رابعہ :پھر ابا نے ہم دونوں کو بہت ڈانٹا تھا اور امی نے پٹائی کی تھی۔
جنید :ہاں تو اسی دن، رات کو میں پانی پینے باورچی خانے میں جا رہا تھا تو میں نے سنا کہ چچا جان ابا سے کہہ رہے تھے، یہ دونوں بچے آپس میں اتنا لڑتے ہیں۔ آپ کہیں تو جنید کو میں اپنے ساتھ لے جاؤں۔
رابعہ :ہائے بھیا!۔ ۔ ۔ کیا سچ؟
جنید :بالکل سچ!تو یہ تار چچا جان کاہی ہے۔ ابا سے مجھے بھیجنے کے لیے کہا ہو گا، مگر میں نہیں جاؤں گا۔ (سر جھکا کر رونے لگتا ہے) میں اپنے گھر کے سوا اور کسی کے گھر نہیں رہوں گا۔ ربو اب میں آئندہ تم سے کبھی نہیں لڑوں گا۔ میں کہیں نہیں جانا چاہتا۔ اپنے گھر میں ہی رہنا چاہتا ہوں۔
رابعہ :میں بھی اب تم سے کبھی نہیں لڑوں گی۔ ۔ ۔ لیکن بھیا میرا خیال ہے کہ یہ تار میرے لیے آیا ہو گا۔
جنید :پگلی کہیں کی!ابھی آٹھ سال کی تو ہو اور ابھی سے تمہارے نام تار آنے لگے۔ ہونہہ!بڑی آئی تار وصول کرنے والی۔
رابعہ :تم نے پھر لڑنا شروع کر دیا؟
جنید :تم بات ہی ایسی کر رہی ہو۔ تمہیں کون تار دے گا؟
رابعہ :پچھلے ہفتے میں اپنے ا سکول کی طرف سے ڈرائنگ کے مقابلے میں شریک ہوئی تھی نا، اسی کا نتیجہ ہو گا۔
(ابا آتے ہیں۔ )
ابا :ارے بھئی یہ ریاض اب تک کیوں نہیں آیا؟
(امی آتی ہیں۔ )
امی :آ جائے گا۔ آپ جا کر اپنا کام کیجئے۔
(دوپٹے کے پلو سے آنسو پونچھتی ہیں۔ )
ابا :کام میں دل نہیں لگ رہا ہے۔ اس سے اچھا تو یہ ہوتا کہ میں خود چلا جاتا۔
(پھر ٹہلنا شروع کر دیتے ہیں۔ )
رابعہ :اباجی!بھیا کہہ رہے ہیں کہ تار ان کے لیے ہے۔ چچا جان انھیں لے جانے کے لیے آ رہے ہوں گے۔
ابا :جنید کے لیے تار!دماغ تو خراب نہیں ہو گیا اس کا؟
رابعہ :جی پتہ نہیں۔
جنید : اور تو نہیں کہہ رہی تھی کہ تار تیرے نام آیا ہو گا؟
ابا : (امی سے مخاطب ہو کر) یہ بچے پاگل تو نہیں ہو گئے ؟ میں تو پریشان ہوں اور یہ حماقت کی باتیں کر رہے ہیں۔ ادھر تم نے بیکار میں آنسوؤں کے دریا بہا رکھے ہیں۔
امی :ہاں !ہمارے آنسو تو بیکار ہی ہیں۔
کریمن بی :صاحب جی تار آ گیا؟ کیا معلوم ہوا؟ گیا نا میرا کھیت!
(رونے لگتی ہے۔ )
ابا :خدا کے لیے تم سب لوگ ذرا دیر خاموش رہو۔ تار آ جانے دو پھر سب مل جل کر اطمینان سے رو دھو لینا۔
(ریاض آتا ہے۔ )
ریاض :السلام علیکم انکل۔ یہ لیجئے تار!
ابا : (جھپٹ کراس کے ہاتھ سے تار لے کر پڑھتے ہیں) لاحول ولاقوۃ!
امی :ارے کیا ہے، بتائیے تو!
ابا :پرویز کا تا رہے۔ میری سالگرہ کی مبارک باد دی ہے۔ لکھا ہے :’’خدا کرے آپ کی زندگی میں یہ دن بار بار آئے۔ ‘‘
تمام : (ایک ساتھ بلند آواز میں) مگر ایسا دن بار بار نہ آئے۔
"Many Happy Returns of the Day"
***
ہاتھی کے دانت
کردار :سریش
اوشا:سریش کی بیوی
اجیت:سریش کا دوست
رما:اجیت کی بیوی
چاچی:سریش اور اوشا کی پڑوسن
ساڑی والا:
منظر :(سریش اور اوشا کے گھر ڈرائنگ روم۔ سامان بے ترتیب پڑا ہے۔ میز پوش آدھا نیچے لٹک رہا ہے۔ میز پر بچے کا کرکٹ بیٹ پڑا ہے۔ صوفے کا ایک کشن نیچے پڑا ہے۔ اس کے پاس بچے کا بستہ کھلا رکھا ہے۔ ڈرائنگ کاپی اور پینٹنگ کا سامان رکھا ہے۔
پردہ کھلتا ہے تو ڈرائنگ روم میں کوئی نہیں ہے۔ کچھ دیر بعد سریش ہاتھ میں بریف کیس لیے اندر آتا ہے۔ تیوری پربل پڑے ہوئے ہیں۔۔۔ آ کر بریف کیس صوفے پر پٹخ دیتا ہے۔ ٹائی کی گرہ کھولتے ہوئے پنکھے کی طرف بڑھتا ہے۔ پنکھا چلا کر ادھر ادھر دیکھتا ہے۔ پیشانی کے بل اور بھی گہرے ہو جاتے ہیں۔۔۔ زور سے پکارتا ہے۔۔۔ )
سریش :اوشا!۔۔۔ اوشا!!۔۔۔ ارے اوشا!!!عجیب عورت ہے یہ بھی۔۔۔ ! کبھی جو گھر میں ملے۔ نہ جانے کیسی پتنیاں ہوتی ہیں جو پتی کے آرام کا خیال رکھتی ہیں۔ آفس سے آئے تو مسکرا کر سواگت کرتی ہیں !۔۔۔ اور ایک ہماری پتنی ہے مسکرانا اور سواگت کرنا تو دور رہا گھر ہی سے غائب ہے۔
(باہر کے دروازے سے اوشا اندر آتی ہے۔ ہاتھ میں ایک کٹوری میں کچھ لیے ہوئے ہے۔)
اوشا :ارے سریش کب آئے تم۔۔۔؟
سریش :اوہو!آ گیا گھر کا خیال تمہیں !۔۔۔ ختم ہوئی تفریح!
اوشا :تفریح۔۔۔؟میں سیر و تفریح کرنے گئی تھی؟
سریش :اور نہیں تو کہاں گئی تھیں؟۔۔۔ دروازہ چوپٹ کھلا پڑا تھا جب میں آیا!۔۔۔ اس طرح گرہستی چلتی ہے۔ ایسی ہی گرہستن ہوتی ہے؟تمہیں گھر میں کوئی کام کاج نہیں ہے کیا کہ گھر کھلا چھوڑا اور غائب ہو گئیں۔!
اوشا :کوئی میل دو میل تو گئی نہیں تھی۔۔۔ یہ سامنے کے فلیٹ میں کھڑے کھڑے گئی تھی۔ دو منٹ بھی نہیں لگے ہوں گے۔
سریش :دو منٹ۔۔۔ !ایسے ہوتے ہیں تمہارے دو منٹ؟کب سے آیا بیٹھا ہوں۔کہاں جھک مارنے گئی تھیں؟
اوشا :ذرا زبان سنبھال کر بولو۔۔۔ حدسے بڑھتے جا رہے ہو تم!
سریش :میں حد میں رہوں یا حد سے باہر۔ تم پہلے میری بات کا جواب دو۔۔۔ کہاں گئی تھیں؟
اوشا :کہا تو۔۔۔ سامنے کے فلیٹ میں گئی تھی!
سریش :کیوں؟۔۔۔ کیا ضرورت پیش آ گئی تھی؟
اوشا :چائے کی پتی ختم ہو گئی تھی دہی لینے گئی تھی۔
سریش :پھوہڑ پن کی حد ہے !کیوں ختم ہوئی پتی۔۔۔ !مہینے کا سامان منگا کر کیوں نہیں رکھتیں۔۔۔؟تمہیں ہوش بھی رہتا ہے کہ نہیں۔ کہ گھر میں کیا کیا چیز ہے کیا نہیں۔۔۔ !جب کسی چیز کی ضرورت پڑی تو کبھی اس کے دروازے پر کھڑی مانگ رہی ہو۔۔۔ کبھی اس کے دروازے پر۔۔۔ ! کچھ تو گھر کی عزت کا خیال کیا کرو۔
اوشا :گھرکی عزت کے خیال سے ہی مانگنے گئی تھی۔ اگر آتے ہی تمہیں چائے نہیں ملتی ہے توچیخ چیخ کر سارا گھر سر پر اٹھا لیتے ہو!پوری بلڈنگ کے لوگ تماشا دیکھے ہیں۔
سریش :بکواس مت کرو۔۔۔ جاؤ جا کر چائے لاؤ!
اوشا :(کمرے سے جاتی ہوئی بولتی ہے ) دیکھو۔۔۔ میں پھر کہہ رہی ہوں کہ زبان سنبھال کر بولو ورنہ۔۔۔
(اندر چلی جاتی ہے۔)
سریش :(چیخ کر)ورنہ کیا۔۔۔؟کیا کر لو گی!(اپنے آپ سے )کیا قسمت ہے ہماری!ایک مصیبت گلے پڑ گئی ہے۔ کس کام کی ایسی پتنی جو پتی کو ذرا بھی آرام نہ دے سکے۔۔۔ یہ۔۔۔ یہ گھر ہے ہمارا!جیسے کباڑخانہ ہو۔ نہ کوئی چیز سلیقے کی نہ کسی بات میں کوئی ڈھنگ۔۔۔ بس کاٹھ کباڑ جمع کیا، ایک کمرے میں الٹا سیدھا ڈھیر کیا اور اسے ڈرائنگ روم کا نام دے دیا۔۔۔ واہ!یہ ڈرائنگ روم ہے یا گدھوں کا اصطبل۔۔۔ !(میز پر اپنی انگلی پھیر کر انگلی پر لگی گرد دیکھتا ہے ) اس میز پر کتنی دھول ہے۔
(میز پوش ٹھیک کرنے لگتا ہے تو کرکٹ کا بیٹ نیچے گرتا ہے۔)
(اندر کے کمرے سے اوشا کی آواز آتی ہے۔)
اوشا :ارے کیا گرا دیا۔۔۔؟
سریش :میں کیوں گراتا۔۔۔؟یہ تمہارا بے ڈھنگا پن جو نہ کرائے کم ہے۔ میز پر اتنا کباڑ جمع ہے کبھی صاف کرنے کی توفیق نہیں ہوتی تھیں۔۔۔ ادھر ادھر مارے مارے پھرنے سے فرصت ملے تو گھرکی طرف دھیان دو۔
(اوشا ہاتھ میں چائے کی پیالی لیے آتی ہے۔)
اوشا :لو چائے پیو۔۔۔ جب سے آئے ہو میرے پھوہڑ پن کا رونا روئے جا رہے ہو۔ کان پک گئے سنتے سنتے۔۔۔ بس کرو۔۔۔ ذرا دیر کو مجھے بھی گھر میں سکون سے بیٹھنے دو۔
سریش :بس ہر وقت اپنے ہی سکون و آرام کی فکر لگی رہتی ہے تمہیں۔۔۔ !کبھی یہ بھی سوچا کہ پتی دن بھر کا تھکا ہارا گھر لوٹا ہے۔
اوشا :اور میں کیا دن بھر پھولوں کی سیج پر لیٹی آرام کرتی رہی۔ میں بھی دن بھر آفس میں کام کر کے تھکی ہاری لوٹی ہوں۔
سریش :بس ذرا سی بات ہوئی کہ تم نے آفس کے کام کا طعنہ دیا۔ ناری کا پہلا کرتویہ پتی کی سیوا ہے۔ میری سیوا تمہیں کرنی ہی ہو گی!نوکری کر رہی ہو تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ میرے سر پر بیٹھنے کی کوشش کرو۔۔۔ کیوں کر رہی ہو نوکری۔۔۔؟چھوڑ دو!
اوشا :نوکری بھی تمہارے گھرکے لیے ہی کر رہی ہوں۔ یہ جو اوپر کی ٹیپ ٹاپ نظر آ رہی ہے وہ سب میری نوکری کی بدولت ہی توہے۔ ایک پیسہ بھی تو میں اپنے اوپر خرچ نہیں کرتی۔۔۔ جتنی تنخواہ ملتی ہے یا تو تم لے لیتے ہو یا گھر میں خرچ ہو جاتی ہے۔
سریش :اور یہ ہر مہینے میکے جو منی آرڈر جاتے ہیں وہ پیسہ کہاں سے آتا ہے؟
اوشا :بھگوان سے ڈرو سریش!تین سال سے نوکری کر رہی ہوں۔۔۔ ایک پیسہ بھی اپنے میکے والوں کو نہیں دیا۔ اب پہلی بار چھوٹے بھائی کی فیس دینے کے لیے پچھلے مہینے دو سو روپئے بھیج دیے تو تم اس کا طعنہ دینے بیٹھ گئے۔!
سریش :سچ بات جوہے وہ تو کہی ہی جائے گی، تم اسے طعنہ کہو یا جو چاہو کہہ لو۔۔۔۔ تم اگر نوکری کر رہی ہو تو میری اجازت سے۔ تمہاری پوری تنخواہ پر میرا حق ہے۔۔۔ تمہارے مفت خورے باپ بھائی کا نہیں !
اوشا :(بے حد بگڑ کر) تم آج آپے میں نہیں ہو۔ پہلے تو آتے ہی مجھے برا بھلا کہنا شروع کیا۔ اب میرے باپ بھائی کو گالی دے رہے ہو۔۔۔ اپنا اپمان تو خیر میں زہر کا گھونٹ پی کر سہہ لوں گی۔ لیکن اپنے باپ، بھائی کا اپمان نہیں سہہ سکتی۔۔۔ بس آخری بار کہہ رہی ہوں کہ ہوش میں آؤ ورنہ میری بھی زبان کھل جائے گی۔۔۔ !
سریش :زبان کھول کر تو دیکھو۔۔۔ !گدی سے نہ کھینچ لی تو سریش نام نہیں۔
(اوشا چائے کی پیالی اٹھا کر اندر چلی جاتی ہے۔ سریش اسے سنانے کے لیے زور زور سے چیخ چیخ کر بولتا ہے۔)
سریش :مجھے سمجھا کیا ہے تم نے !۔۔۔ ایک تو بے تحاشا پیسہ لٹا رہی ہو اور منع کرو تو لڑنے آتی ہو۔
(کوئی باہر کا دروازہ کھٹکھٹاتا ہے۔)
ہونہہ۔۔۔ !کہنے لگیں زبان کھل جائے گی۔ کوئی مذاق ہے۔
(دروازہ پھر کھٹکھٹایا جاتا ہے۔ سریش بے حد چڑ کر اٹھتا ہے اور بڑبڑاتا ہوا جا کر دروازہ کھولتا ہے۔)
ارے کو ن ہے بھئی۔۔۔؟
(دروازے پر ایک آدمی بڑا سا گٹھا لیے کھڑا ہے۔)
سریش :کون ہو تم۔۔۔ کیا چاہئے؟
ساڑی والا :ہم ساڑی والا ہے ساب!۔۔۔ بائی ہم کو بولا تھا کہ ہینڈلوم کا ساڑی ہوئیں گا تو لانے کا۔ بوت اچھا ساڑی ہے ساب۔۔۔ ایک دم نیا ڈیجائن۔۔۔ !
سریش :نہیں نہیں ہمیں نہیں چاہئیں ساڑیاں واڑیاں۔۔۔ !
ساڑی والا :تم کو نئی ساب۔۔۔ !بائی کو مانگتا ہے ساڑی۔۔۔ پرسوں ہم باجو کا بلڈنگ میں آیا تھا۔ بائی ہم کو بولا ادر آنے کا۔ بلڈنگ کا ایڈریس دیا ہم کو۔۔۔ کر کے آج ہم ادر آیا۔
سریش :تم سے کہا نا کہ جاؤ یہاں سے۔ کوئی ساڑی واڑی نہیں لینی ہے۔ (دروازہ دھڑ سے بند کر دیتا ہے۔۔۔ پکارتا ہے ) اوشا!۔۔۔ اوشا!!۔۔۔
اوشا :(ساڑی کے پلو سے ہاتھ پونچھتی ہوئی آتی ہے۔ تیوری پربل ڈال کر بڑی بے زاری سے پوچھتی ہے )اب کیا آفت آ گئی۔۔۔؟
سریش :آ ہی جاتی۔ وہ تو یہ کہو کہ میں نے ٹال دی۔۔۔ یہ ہینڈلوم کی ساڑی والے کو تم نے بلایا تھا؟
اوشا :ہاں۔۔۔ کہاں ہے وہ۔۔۔؟
سریش :میں نے چلتا کر دیا!
اوشا :کیوں۔۔۔ تمہیں کیا تکلیف تھی اس سے؟بلایا میں نے تھا۔۔۔ ! کم سے کم مجھ سے پوچھ تولیا ہوتا۔
سریش :کیا کرتا پوچھ کر۔ مجھے معلوم ہے کہ تمہیں ساڑی واڑی کی کوئی ضرورت نہیں۔ پانچ سال شادی کوہو گئے۔ دو بچوں کی ماں بن گئیں۔ اب آخر کیا ضرورت سے نئے نئے سنگھار پٹار کی۔۔۔ !
اوشا :(بے زاری سے سر ہلا کر، گہرا سانس لیتی ہے۔ ایک کرسی پر گر جاتی ہے )سنگھار کی ضرورت نہیں۔ تن ڈھانکنے کی توہے۔!ان پانچ برسوں میں ایک پیسے کی چیز تم نے لا کر نہیں دی۔ اپنے میکے سے جو کپڑے ساتھ لائی تھی اب تک پہنتی رہی۔ آخر کب تک ایسے کام چلے گا۔۔۔ گھر میں بیٹھی ہوتی تو خیر پیوند لگا کر گزارا کر لیتی۔ لیکن آفس یہ دھجیاں لپٹ کر کیسے جاؤں۔۔۔؟
سریش :تم تو مجھے برباد کرنے پر تلی ہو۔۔۔ کبھی میکے منی آرڈر جا رہا ہے۔ کبھی ساڑیاں خریدی جا رہی ہیں۔
اوشا :(بے حد غصے میں چلا کر) بس بس۔۔۔ بہت ہو گیا۔۔۔ اب میں برداشت نہیں کر سکتی۔ کان کھول کر سن لو۔ میں اپنی تنخواہ کا جو چا ہوں کروں۔ تمہیں اعتراض کا کوئی حق نہیں۔۔۔ سن لو!۔۔۔ آج کے بعد تم نے اس سلسلے میں کچھ کہا تو اچھا نہیں ہو گا۔ میرا پیسہ ہے۔میرا۔۔۔ میرا۔
(رونا شروع کر دیتی ہے۔)
(دروازہ دھڑدھڑایا جاتا ہے۔)
ایک آواز :ارے بھئی شریمان سریش جی ہیں گھر میں؟۔۔۔ ہم لوگ آئیں؟
(سریش اوشا کو اندر کی طرف دھکا دیتا ہے۔ دانت کچکچا کر دبی آواز میں بولتا ہے۔)
سریش :اندر جاؤ۔۔۔ کالا منہ کرو۔۔۔ جاؤ۔۔۔ !(زور سے ) آ رہا ہوں بھائی۔۔۔ ابھی آیا۔
(جا کر دروازہ کھولتا ہے۔)
سریش :آئیے آئیے اجیت صاحب۔۔۔ پدھاریے۔۔۔ اوہو! رما بھابھی بھی ہیں۔۔۔ نمستے۔۔۔ آج کدھر سے چاند نکل آیا۔ ہم غریبوں کی کیسے یاد آ گئی۔۔۔ !
اجیت :ارے بھئی ایک جگہ سے چار ٹکٹ مل گئے ہیں۔ پکچر کے۔!سوچا تم دونوں کو ساتھ لے لیں۔۔۔ بولو چل رہے ہو؟
سریش :اچھا بیٹھو تو سہی۔۔۔ !بیٹھے بھابھی جی۔ ابھی تو بہت وقت ہے۔ سوچتے ہیں جائیں کہ نہ جائیں۔۔۔ کیوں ڈارلنگ کیا خیال ہے؟ ارے کہاں چلی گئیں بھئی! اوشا۔۔۔ اوشا۔۔۔ ابھی تو یہیں تھی۔ آپ لوگوں کے آنے کا سن کر چائے لانے چلی گئی ہو گی۔جواب نہیں ہے صاحب ہماری اوشا کا۔۔۔ !
اجیت :ارے ارے چائے وائے کی ضرورت نہیں ہے بھئی۔ چائے توہم پی پلا کر آ رہے ہیں۔۔۔ بلا لو بھابھی کو۔(پکارتا ہے ) بھابھی جی۔۔۔ اوشا بھابھی!
اوشا :(اندر سے جواب دیتی ہے ) آ رہی ہوں بھائی صاحب!
سریش :اور سناؤ۔ کہاں سے مار لائے یہ ٹکٹ؟
اجیت :وہ جیوتی تھیٹر کا مالک ہے نا۔ اس کا ایک کام میں نے کروا دیا۔ بس آ گیا صبح گھر پر ٹکٹ لیے۔
(اوشا ناشتے کی ٹرے لیے آتی ہے۔)
اوشا :نمستے بھائی صاحب۔۔۔ نمستے رما بھابھی۔۔۔ فرمائیے بھائی صاحب کیا کہہ رہے تھے آپ؟
اجیت :لیجئے۔ اب کہنے کو رہا ہی کیا ہے؟ہم تو چائے تک کو منع کر رہے تھے اور آپ ناشتے کی ٹرے سجائے لیے چلی آ رہی ہیں۔۔۔ !
اوشا : آپ لوگوں کے آنے سے بس تھوڑی ہی دیر پہلے سریش آفس سے آئے ہیں۔ ان کے لیے ناشتہ تیا رہی تھا۔ بس اسی میں اور تھوڑا سا بڑھا کر لے آئی۔ لیجئے آپ لوگ ناشتہ کیجئے۔ میں بس ابھی چائے بنا کر لائی۔
سریش :ارے نہیں نہیں ڈارلنگ۔۔۔ کیا غضب کرتی ہو۔۔۔ بس تم یہاں آرام سے بیٹھو۔ اجیت اور رما بھابھی کی خاطر مدارت کرو۔ چائے میں بنا کر لاتا ہوں۔
رما : آپ۔۔۔؟بھائی صاحب آپ چائے بنائیں گے ! آپ کو آتی ہے چائے بنانی؟
سریش :کیوں نہیں۔۔۔ آج کل کا زمانہ ہی ایسا ہے کہ عورت اور مرد دونوں کو ہر کام آنا چاہئے۔ پھر اوشا بے چاری بھی تو آفس سے تھکی ہاری آئی ہے۔۔۔ لیجئے آپ لوگ ان سموسوں سے انصاف کیجئے۔ میں دو منٹ میں چائے لایا۔
رما :(ٹھنڈا سانس بھرکر) کتنی خوش قسمت ہو اوشا تم! کاش دنیا کے سارے پرش ایسے ہی سمجھدار اور پتنی کا خیال کرنے والے ہوتے۔۔۔ جیون کتنا سکھی۔ کتنا مدھر ہو جاتا۔!
اجیت :کر لو۔۔۔ کر لو۔۔۔ سریش کی تعریف کے پردے میں جی بھرکے ہماری برائی کر لو۔ لیکن بھئی ہم پر کوئی اثر ہونے والا نہیں ہے۔ ہم نے تو شادی ہوتے ہی تمہیں بتا دیا تھا کہ گھر کا کام دھندا نہ ہم نے کبھی کیا نہ اب کرنے کا پروگرام ہے۔۔۔ سوچ سمجھ کر نوکری کرنے گھر سے نکلنا۔۔۔ !
رما :میں نہ تو شکایت کر رہی ہوں اور نہ تمہاری برائی۔۔۔ صرف اوشا کی قسمت پر رشک کر رہی ہوں۔۔۔ سچ مچ اوشا کتنا اچھا لگتا ہو گا تمہیں۔۔۔ جب آفس سے آ کر پرس ایک طرف ڈال کر مزے سے پیر پھیلا کر بیٹھ جاتی ہو گی تم۔۔۔ اور بھائی صاحب چائے لا کر پلاتے ہوں گے !
اوشا :(زور سے لمبا سانس کھینچ کر) ہوں۔۔۔ یہ حلوہ تولو۔
اجیت :ادھر لائیے بھابھی جی۔۔۔ حلوے کے اصلی قدردان توہم ہیں۔ اوہو! گاجر کا حلوہ ہے۔ ارے رما تم بھی کبھی ایسی اچھی اچھی چیزیں پکا کر ہمیں کھلایا کرو۔ سریش میرا یار ہے بڑا خوش قسمت!
(سریش چائے کی ٹرے لیے داخل ہوتا ہے۔)
سریش :کیوں بھئی یہ ہمارا کیا ذکر ہونے لگا۔۔۔؟
اجیت :ارے یار تمہاری خوش قسمتی پر رشک کر رہا تھا کہ اوشا بھابھی جیسی سگھڑ پتنی تمہیں ملی ہے۔
سریش :ہاں اس میں تو شک نہیں۔۔۔ ہم بھی بھگوان کے بہت شکرگزار ہیں کہ اس نے ہمیں اوشا جیسی پتنی دی۔Come on Usha darling - give me a sweet smile!
رما :ارے اوشا!۔۔۔ بھائی صاحب تمہاری اتنی تعریف کر رہے ہیں اور تم پتھر کی مورتی کی طرح چپ چاپ بیٹھی ہو۔۔۔ !بھگوان کی قسم اگر کسی دن اجیت اس کی ایک فیصد تعریف بھی میری کر دیں تو میں اٹھ کر خوشی سے ناچنے لگوں۔۔۔ !
اجیت :اطمینان رکھیے وہ دن کبھی نہیں آئے گا۔۔۔ !
رما :وہ تو مجھے معلوم ہے۔۔۔ اگر میرے نصیب اچھے ہوتے تو تم جیسے ناقدرے کے پلے کیوں باندھی جاتی!
اجیت :اپنے گنوں پربھی تو نظر ڈالو۔۔۔ تعریف کے قابل کوئی بات بھی ہو تم میں۔
سریش :ارے۔ ارے۔۔۔ آپ لوگ توSerious ہونے لگے۔ بھابھی پلیز۔ مذاق کو مذاق کی حد تک ہی رہنے دیجئے۔ اجیت Stop it ! کچھ تو سوچو۔ لیڈیز سے ایسی سخت زبان میں بات نہیں کی جاتی۔۔۔ Oh, no no رما بھابھی، پلیز رونے کا اسٹارٹ مت لیجئے۔ لیجئے چائے پیجئے۔۔۔ میں اتنی محنت سے بنا کر لایا ہوں۔
اجیت :تو پھر چل رہے ہو نا پکچر۔۔۔؟
سریش :ہاں ہاں کیوں نہیں۔ ضرور چل رہے ہیں Come on اوشا! بس جلدی سے تیار ہو جاؤ۔۔۔ اور دیکھو وہ آسمانی رنگ والی ساڑی پہننا تاکہ اس کے بیک گراؤنڈ میں تمہارا چاند سا چہرہ اور چمک اٹھے۔
اوشا :(ناگواری سے دوسری طرف چہرہ موڑ لیتی ہے ) آپ لوگ چلے جائیے میرا موڈ نہیں ہے پکچر دیکھنے کا!
اجیت :ارے واہ، یہ کیسے ہو سکتا ہے۔۔۔ ! آپ کو چلنا ہی پڑے گا۔رما تم سمجھاؤ نا۔۔۔ اوشا بھابھی کو۔
رما :ہاں بھئی اوشا۔۔۔ تمہارے بغیر مجھے تو بالکل مزا نہیں آئے گا۔ یہ دونوں آپس میں باتیں کریں گے۔ مجھے پکچر پر کوئی Comment کرنا ہوا تو میں کس سے کہوں گی؟
سریش :اور پھر ڈارلنگ۔۔۔ مدت سے تمہاری کوئی آؤٹنگ بھی تو نہیں ہوئی۔۔۔ بس آفس سے گھر۔ گھر سے آفس۔۔۔ انسان کو آخر سیر و تفریح کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
رما :Come on Usha be a Sport! اب سب کہہ رہے ہیں تو تمہیں ماننا ہی چاہئے۔۔۔ اٹھو تیار ہو جاؤ۔
(اوشا اٹھ کر کھڑی ہو جاتی ہے۔)
رما :ہاں یہ ہوئی نا بات!
(کوئی دروازہ کھٹکھٹاتا ہے۔ سریش اٹھ کر دروازہ کھولتا ہے۔)
سریش :نمستے چاچی جی۔۔۔ آئیے بیٹھئے۔
چاچی :نہیں بھیا بیٹھنے نہیں آئی۔ ذرا کھڑے کھڑے اوشا سے کام تھا۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ تمہارے گھر مہمان بیٹھے ہیں۔ معاف کرنا تم لوگوں کو ڈسٹرب کیا میں نے !
سریش :کمال کرتی ہیں آپ بھی۔!اس میں ڈسٹرب کرنے کی کیا بات ہے۔۔۔ اور پھر یہ دونوں مہمان نہیں ہیں۔ گھر ہی کے آدمی سمجھئے انھیں بھی۔ یہ میرا دوست اجیت، یہ اس کی پتنی رما۔۔۔ اور بھئی یہ ہیں ہماری چاچی۔ (اجیت اور رما نمستے کرتے ہیں ) چاچی ہماری ہی بلڈنگ میں رہتی ہیں نیچے کے فلور پر۔۔۔ کہیے چاچی کیا سیوا کروں آپ کی؟
چاچی :اوشا کہاں ہے۔۔۔؟
سریش :ہم لوگ ذرا باہر جا رہے ہیں۔ اوشا تیار ہو رہی ہے۔ مجھ سے کہیے کیا کام ہے؟
چاچی :تم لوگ باہر جانے کو تیار بیٹھے ہو۔ ایسے وقت مجھے اپنا کام بتاتے ہوئے برا تو لگ رہا ہے مگر مجبوری ہے اس لیے کہتی ہوں۔
سریش :ہاں ہاں کہیے !
چاچی :ہمارے گھر میں چائے کی پتی ختم ہو گئی ہے۔ اس وقت گھر میں کوئی ہے نہیں کہ دکان سے منگوا لوں۔۔ !
سریش :تو کیا ہوا۔۔۔ یہاں سے لے جائیے۔۔۔ اوہو!یاد آیا۔ چائے کی پتی تو ہمارے یہاں بھی ختم ہو گئی ہے۔ اوشا سامنے والے فلیٹ سے مانگ کر لائی تھی۔۔۔ دیکھتا ہوں اس میں سے بچی ہو گی تو آپ کولا دیتا ہوں۔
چاچی :نہیں بھیا رہنے دو۔ اب اس میں سے کیا بچی ہو گی۔ پتھر پڑیں میری یاد پر۔ضروری چیزیں منگوانا بھول جاتی ہوں۔۔۔ پھر اس طرح لوگوں کے دروازے پر جانا پڑتا ہے مانگنے۔
سریش :ارے ارے چاچی ایسی باتیں کیوں سوچنے لگیں آپ؟آخر پڑوسی ہوتے کس لیے ہیں۔۔۔؟وقت پر ایک دوسرے کے کام نہ آئے تو پھر زندگی کس کام کی؟اپنے لیے جیے، اپنے لیے مرے۔۔۔
چاچی :کتنے اونچے وچار ہیں تمہارے۔ تمہاری جگہ کوئی اور ہوتا تو کم سے کم دل میں ضرور کہتا کہ سامان منگا کر کیوں نہیں رکھتیں۔۔۔ پھوہڑ ہیں۔ گرہستی کا ڈھنگ نہیں آتا۔
سریش :ارے چاچی گرہستی میں تو یہ سب چلتا ہی رہتا ہے۔ کبھی کچھ ختم ہوا۔ کبھی کچھ۔ اب بے چاری گرہستن کیا کیا یاد رکھے۔
چاچی :اچھا تو میں چلوں۔۔۔ !
سریش :اچھا چاچی نمستے۔۔۔ (پکارتا ہے ) ارے بھئی اوشا۔۔۔ آ بھی چکو۔۔۔ ! تمہاری راہ دیکھتے دیکھتے تو آنکھیں پتھرا گئیں۔۔۔ کیوں رما بھابھی۔ پکچر کے بعد وہیں کسی ریسٹوران میں رات کا کھانا کیسا رہے گا۔۔۔؟
رما :اوہ بھائی صاحب! آپ نے تو میرے منہ کی بات چھین لی۔ اجیت کے ڈر سے میں کہہ نہیں رہی تھی۔ مگر دل میں میرے یہی تھا۔۔۔ اور ایک بات۔۔۔ !
اجیت :ابھی کچھ باقی ہے۔۔۔؟
رما :وہیں تھیٹر کے پاس ہینڈلوم کے کپڑوں کی نمائش ہو رہی ہے۔ پکچر کے بعد پہلے وہاں جائیں گے پھر کھانا کھائیں گے۔
سریش :ضرور ضرور۔
اجیت :مروا دیا یار بے موت!
سریش :کیوں؟۔۔۔ کیوں؟
اجیت :ارے بھیا۔ دو دو عورتیں ساتھ ہیں۔ کیا یہ نمائش سے خالی ہاتھ واپس آئیں گی۔۔۔؟اگر یہ پروگرام ہے تو میں نہیں چلتا۔۔۔ ! میری جیب اتنا بوجھ نہیں سہار سکتی۔۔۔ !
سریش :اچھے کپڑے پہننا ہر عورت کا پیدائشی حق ہے۔ اگر رما بھابھی نے ایک آدھ ساڑی خرید لی تو دیوالیہ تو نہیں نکل جائے گا۔ ارے میاں دونوں کما رہے ہوenjoy life, eat drink and be merry رما بھابھی کے ساتھ اوشا بھی ایک آدھ ساڑی خرید لے گی۔ بہت دن سے اس نے بھی شاپنگ نہیں کی ہے۔
(اوشا داخل ہوتی ہے۔ کپڑے نہیں بدلے، اسی حالت میں ہے۔)
رما :وہ آ گئی اوشا۔۔۔ اوشا!really you are lucky! تمہیں تو دن رات بھائی صاحب کی پوجا کرنی چاہئے۔ ارے تم نے ساڑی نہیں بدلی۔ اسی حال میں چلو گی؟
اوشا :سوری رما۔۔۔ !میرے سر میں بے حد درد ہو رہا ہے۔تم سب کے اصرار پر میں تیار ہونے تو لگی تھی لیکن آج میرا موڈ ایسا ہو رہا ہے کہ میں جانتی ہوں کچھ مزہ نہیں آئے گا پکچر میں۔۔۔ بلاوجہ ساتھ چل کے تم سب کا مزہ کیوں کرکرا کروں۔ میری مانو تم لوگ چلے جاؤ۔ سریش کا دل چاہے تو وہ بھی چلے جائیں۔ میں گھر پرہی آرام کرنا چاہتی ہوں۔
سریش :ارے ارے۔ کہیں ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ تمہارے سر میں درد ہو اور میں پکچر دیکھنے چلا جاؤں۔۔۔ !impossible لاؤ میں سرد با دوں۔ بام کہاں ہے۔ ذرا سا مل دوں۔
اوشا :سریش پلیز۔۔۔ مجھے تنگ نہ کرو۔ معمولی درد ہے۔ تم ان لوگوں کے ساتھ پکچر چلے جاؤ۔
رما :بھائی صاحب ایسا کیجئے کہ آپ اور اجیت پکچر چلے جائیے۔ میں اور اوشا یہاں بیٹھ کر گپ بازی کریں گے۔ پکچر کے بعد آپ لوگ یہاں آ جائیے پھر ہمیں کسی ریسٹوران میں لے چلیے اور شاندار ڈنر کھلائیے !
اجیت :ہاں یہ ٹھیک ہے۔
سریش :نہیں بھئی بالکل غلط ہے۔۔۔ ہم تو اپنی جان بہار کے بغیر پکچر تو کیا سورگ میں بھی نہیں جائیں گے۔!!
اوشا :(بے حد بے زاری سے ) سریش بھگوان کے لیے بس بھی کرو۔
سریش :او، کے۔ اوکے ڈارلنگ۔۔۔ اگر تمہارا یہی حکم ہے تو تابعدار کو انکار کی مجال نہیں۔۔۔ چلو بھئی اجیت۔۔۔ اب توجانا ہی پڑے گا۔
رما :آتے آتے ہم دونوں کے لیے میٹھے پان لیتے آئیے گا۔
اجیت :تمہاری فرمائشوں کی فہرست کبھی ختم بھی ہو گی یا نہیں؟
سریش :ضرور لائیں گے بھئی ضرور۔۔۔ اوشا تمہارے لیے کچھ ڈارلنگ؟
اوشا :No, Thanks!
سریش :اچھا تو ہم چلیں۔۔۔ بائی۔بائی۔
(سریش اور اجیت چلے جاتے ہیں۔)
رما :آؤ اوشا میں تمہارا سر دبا دوں۔
اوشا :نہیں رما۔ درد تو اتنا زیادہ نہیں ہے کہ دبانے کی ضرورت پڑے۔ اصل میں آج موڈ کچھ خراب سا ہو رہا ہے۔
رما :حد ہے بھئی! موڈ میرا بگڑنا چاہئے۔۔۔ اجیت کو دیکھو۔ بات بات میں میرے خلاف بولتے ہیں۔ کبھی جو ڈھنگ سے بات کریں۔ تمہارا موڈ بگڑنے کی تو کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔
اوشا :سمجھ میں نہ ہی آئے تو اچھا ہے۔!
رما :کیا مطلب۔۔۔؟
اوشا :کچھ نہیں۔۔۔ !
رما :بھائی صاحب کتنے اچھے ہیں۔ کتنا تمہارا خیال رکھتے ہیں۔ کتنی عزت کرتے ہیں تمہاری! تمہیں اپنے بھاگیہ کو سراہنا چاہئے۔۔۔ تمہاری جگہ میں ہوتی تو گھرکی چھت پر چڑھ کر پکار پکار کر ساری دنیا کو بتاتی کہ میرا پتی کیسا ہے۔۔۔ !
اوشا :(اداس سی مسکراہٹ کے ساتھ) کبھی کبھی میرا بھی جی چاہتا ہے۔
رما :کیا۔۔۔؟
اوشا :کہ دنیا کو بتا دوں کہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور ہوتے ہیں دکھانے کے اور ۔۔۔ !
(رما حیران نظروں سے اوشا کو دیکھ رہی ہے۔)
۔۔۔ پردہ۔۔۔
***
ماخذ: ’’سوچ لیجئے ‘‘
سلیقہ کتاب گھر
۱۴/۱۵۶۰، جان محمداسٹریٹ
پونہ۔
منزل ہے کہاں تیری
کردار :
کمل
سریتا
اجے کمار
شرد
ماں
پرکاش
چپراسی
منظر :(اسٹیج تین حصوں میں تقسیم کیا جائے۔ جس حصہ کا منظر ہو وہاں روشنی ہو اور باقی دو حصے اندھیرے میں ہوں۔
پہلا حصہ :آفس کا ایک کونا۔ دو میزیں۔۔۔ ایک پر ٹائپ رائٹر اور کچھ کاغذات، دوسری پر فائلیں۔ دو کرسیاں۔
پہلے، تیسرے اور پانچویں منظر میں یہ حصہ روشن رہے گا۔
دوسرا حصہ :آفس کے پاس اجے کمار کا کمرہ۔ ایک بڑی سی میز۔ اس پر ٹیلی فون۔ کاغذات، قلم دان وغیرہ۔ آرام دہ کرسی۔ سامنے اور دو کرسیاں۔
دوسرے منظر میں یہ حصہ روشن رہے گا۔
تیسرا حصہ :کمل کے گھر کا کمرہ۔ ایک طرف لکڑی کی دو کرسیاں، ایک کا ہتھا ٹوٹا ہوا۔ میز پر کچھ کتابیں۔ ڈبے اور ایسا ہی سامان بے ترتیب پڑا ہے۔ ایک کونے میں بان کی چارپائی پر ملگجا سا بستر ہے۔
چوتھے منظر میں یہ حصہ روشن رہے گا۔)
پہلا منظر
(کمل ٹائپ کر رہی ہے۔ دوسری میز پر سریتا ایک فائل پڑھ رہی ہے۔ ایک کاغذ پر کچھ لکھتی جاتی ہے۔ شرد آتا ہے۔)
شرد :کمل جی۔ نمستے۔ کیسی ہیں آپ؟
کمل :(ٹائپ رائٹر پرسے نظریں ہٹائے بغیر) نمستے۔ اچھی ہوں۔
شرد :کمل جی۔ آپ مجھے ذرا سا ٹائم دے سکیں گی؟
کمل :میں۔۔۔؟ آپ کو ٹائم دوں۔۔۔؟کس لیے۔۔۔؟
شرد :ایک کام ہے آپ سے۔
کمل :کہیے۔
شرد :ذرا امپورٹنٹ بات ہے۔ آپ ٹائپنگ بند کریں اور دھیان سے سنیں تو کہوں۔
کمل :ٹائپنگ کرتے ہوئے بھی میں دھیان سے سن سکتی ہوں۔
شرد :اچھا خیر۔۔۔ یہی سہی۔۔۔ دیکھئے بات یہ ہے کہ اگلے مہینے شرماجی ریٹائر ہو رہے ہیں۔
کمل :مجھے بھی معلوم ہے۔
شرد :جی ہاں۔ آپ کوتو معلوم ہونا ہی ہے۔ آخر آپ باس کی پی اے ہیں۔
کمل :(ذرا چڑ کر زور سے بولتی ہے ) باس کی پی اے ہونے سے اس کا کیا تعلق۔ پورے آفس کو معلوم ہے یہ بات!
شرد :ارے ارے آپ تو ناراض ہونے لگیں۔ میں نے تو یونہی کہہ دیا تھا۔ اصل بات تو کچھ اور ہے۔
(کمل جواب نہیں دیتی۔ ٹائپ کر رہی ہے۔)
شرد :تو بات یہ ہے کمل جی۔(کمل ٹائپنگ میں مصروف ہے ) آپ سنتی تو ہیں نہیں۔ ٹائپنگ کیے جا رہی ہیں۔
کمل :(ٹائپ رائٹر پرسے انگلیاں ہٹا کر، بہت بے زاری سے )اچھا لیجئے بند کر دی ٹائپنگ۔ اب جلدی سے جو کچھ کہنا ہے کہہ دیجئے۔ مجھے بہت ضروری لیٹر ٹائپ کر کے ابھی باس کولے جا کر دینا ہے۔
شرد :جی بس وہی تو کہہ رہا ہوں کہ جب آپ باس کے پاس جائیں تو۔۔۔ (رک جاتا ہے۔ ادھر ادھر دیکھ کر راز داری کے انداز میں کرسی سے ذرا آگے کھسک کر کمل کی طرف جھک جاتا ہے۔ کمل ناگواری سے پیچھے سرک جاتی ہے )۔۔۔ جب آپ باس کے پاس جائیں تو ذرا سی میری سفارش کر دیجئے گا۔
کمل :کیا کہہ رہے ہیں آپ؟۔۔۔ کس بات کی سفارش کروں آپ کی؟
شرد :یہی کہ شرما جی کے بعد سب سے سینئر میں ہوں۔ اس لیے ان کی پوسٹ مجھے ملنی چاہئے۔
کمل :کیا باس کو یہ بات نہیں معلوم؟
شرد :معلوم توہے۔ لیکن۔۔۔
(رک کر ادھر ادھر دیکھتا ہے۔ کمل پھر ٹائپنگ شروع کر دیتی ہے۔)
شرد :پلیز آپ ٹائپنگ بند کر دیجئے۔ میرے کیریئر کا سوال ہے۔
کمل :(ٹائپنگ روک کر) آپ کی سینیارٹی سے میرا کوئی تعلق نہیں اور نہ آپ کے کیریئر کے سوال کا جواب میرے پاس ہے۔
شرد :دھیرے بولیے۔ دھیرے۔ دیواروں کے بھی کان ہوتے ہیں۔
کمل :(بے حد بے زاری سے ) بھگوان کے لیے۔ جو کچھ کہنا ہے کہہ ڈالئے جلدی سے اور مجھے کام کرنے دیجئے۔
شرد :تو میں یہ کہہ رہا تھا کہ ویسے تو میں سب سے سینئر ہوں مگر کچھ سال پہلے کیش کے معاملے میں ذرا سی غلطی ہو گئی تھی۔۔۔ باس بے حد ناراض تھے۔ مجھے نوکری سے نکالنے کو تیار ہو گئے تھے لیکن آپ سے پہلے جو باس کی پی اے تھیں انھوں نے میری سفارش کی تو میری نوکری بچ گئی۔ کمل :اور اب آپ چاہتے ہیں کہ میں آپ کی سفارش کروں تاکہ آپ کا پرموشن ہو جائے۔
شرد :(ہاتھ جوڑ کر) جی یہی۔۔۔ بس یہی!
کمل :لیکن آپ نے یہ کیسے سمجھ لیا کہ باس میری بات مان لیں گے۔
شرد :(بے حیائی سے ہنستا ہے ) ہینھ۔۔۔ ہینھ۔۔۔ ہینھ۔۔۔ مانیں گے جی۔ سو فی صدی مانیں گے۔
کمل :(غصے میں زور سے بولتی ہے ) جی نہیں۔۔۔ باس میری بات نہیں مانیں گے اور نہ یہ بات میں ان سے کہوں گی۔
شرد :(کھڑا ہو جاتا ہے ) دھیرے بولیے دھیرے۔ اچھا خیر میں جا رہا ہوں۔
(چپراسی آتا ہے۔)
چپراسی :بائی تم کو ساب بلاتا ہے۔
شرد :تو میں چلوں؟
کمل : آپ کی مرضی۔۔۔ چاہیں تو دن بھر یہیں کھڑے رہئے مجھے کیا!
(شرد جاتا ہے۔ جاتے جاتے مڑ کر چپراسی کی طرف دیکھ کر آنکھ مارتا ہے پھر مسکراتا ہوا چلا جاتا ہے۔ سریتا فائل سے سر اٹھا کر شرد کی یہ حرکت دیکھ رہی ہے۔۔۔ پھر فائل پڑھنا شروع کر دیتی ہے۔)
کمل :(سریتا کی طرف دیکھ کر) کس قدر بے ہودہ آدمی ہے۔
(سریتا کوئی جواب نہیں دیتی۔)
چپراسی :بائی۔۔۔ ساب بلاتا ہے۔
کمل :سن لیا۔۔۔ سن لیا۔ بس یہ لیٹر ٹائپ کر لوں پھر۔۔۔ !
چپراسی :نئی۔۔۔ ساب باہر جاتا ہے۔ تم کو ابھیچ بلاتا ہے۔
کمل :اچھا بابا۔۔۔ تم چلو میں آ رہی ہوں۔
(کمل کرسی پیچھے سرکا کر کھڑی ہو جاتی ہے۔ میز پرسے پرس اٹھا کر اس میں سے کنگھا نکال کر بالوں میں پھیرتی ہے۔ آئینہ میں دیکھتی ہے۔ سریتا کھنکارتی ہے۔ کمل آئینہ پرس میں رکھتے ہوئے سریتا کی طرف دیکھ کر ذرا دیر کو چپ چاپ کھڑی رہتی ہے پھر پرس بند کر کے ہاتھ میں لے کرباس کے کمرے کی طرف بڑھتی ہے۔ سریتا پھر کھنکارتی ہے۔ کمل مڑ کر اس کی طرف دیکھتی ہے۔ لاپرواہی سے سر جھٹک کر چلی جاتی ہے۔)
(اسٹیج کے اس حصے میں اندھیرا ہو جاتا ہے۔)
دوسرا منظر
کمل :(دروازے پر کھڑے کھڑے پوچھتی ہے ) May I Come in Sir?
اجے :Yes, Come in۔۔۔ میں ایک منٹ میں یہ فائل دیکھ کر تم سے بات کرتا ہوں۔
کمل :جی اچھا!
(اجے گھنٹی بجاتا ہے۔ چپراسی آتا ہے۔)
چپراسی :جی ساب۔
اجے :بڑے بابو کو یہ فائل دے دو اور دیکھو اب کسی کو اندر مت آنے دینا۔ ہمیں کوئی ڈسٹرب نہ کرے۔
چپراسی :جی ساب!
اجے :ہاں تو کمل بات یہ ہے کہ۔۔۔ ارے تم اب تک کھڑی ہو۔بیٹھو بھئی بیٹھو۔ ہاں تو وہ لیٹر جو میں نے ٹائپ کرنے کو دیا تھا پورا ہو گیا؟
کمل :سوری سر!بس ذرا سا باقی ہے۔ ابھی کیے دیتی ہوں۔
اجے :Oh! Don't worry اور بھئی یہاں میرے اور تمہارے سوا ہے کون؟یہ سرور کا تکلف رہنے دو۔ میرا نام اجے ہے۔ مجھے اجے کہہ کر مخاطب کرو۔
کمل : آپ کیسی بات کر رہے ہیں !
اجے :ٹھیک ہی تو کہہ رہا ہوں۔۔۔ اور یہ لیٹر ویٹر تو بہانہ تھا۔ میں نے دراصل یہ کہنے کو بلایا تھا کہ آج شام کو سنیما چلو گی؟
کمل :سر!۔۔۔ اجے !۔۔۔ اصل میں بات یہ ہے کہ آج ذرا۔۔۔ وہ مجھے کچھ کام ہے۔۔۔
اجے :اس طرح ٹالو مت کمل!آج کتنے دن سے میں تمہیں کہیں ساتھ لے جانے کو کہہ رہا ہوں۔ تم انکار کیے جا رہی ہو۔ میں خوشامد کر رہا ہوں۔۔۔ تم راضی ہی نہیں ہوتیں، مجھ سے اتنی نفرت کیوں ہے؟
کمل :نہیں یہ بات نہیں۔ اصل میں۔۔۔
اجے :ہاں ہاں کہو۔۔۔ رک کیوں گئیں؟
کمل :اس طرح پکچر وغیرہ جانا کچھ اچھا نہیں لگتا۔
اجے :اس میں کیا برائی ہے۔ دن بھرکے کام کے بعد ذرا سی دیر کو تھکے ہوئے دماغ کو آرام پہنچانے کے لیے ذرا سا منورنجن، ذرا سی تفریح کسی کو کیا نقصان پہنچا سکتی ہے؟
کمل :لیکن آپ اس کمپنی کے مالک ہیں۔ میں ایک معمولی سکریٹری۔۔۔ آپ کی نوکر۔۔۔
اجے :آفس کے وقت تک تو ہمارا مالک اور نوکر کا رشتہ ٹھیک ہے۔ مگر آفس بند ہونے کے بعد کیا تم مجھ سے ایک دوست کی طرح نہیں مل سکتیں؟
کمل :دوست؟
اجے :ہاں کمل۔۔۔ دوست! تم میری سکریٹری کے طور پر چھ مہینے سے کام کر رہی ہو۔ میں نے تمہیں اور تم نے مجھے اچھی طرح دیکھا ہے۔۔۔ پرکھا ہے۔۔۔ اب اگر میں تمہاری طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاؤں تو کیا تم یہ ہاتھ جھٹک دو گی۔۔۔ بولو۔۔۔ کمل۔۔۔ جواب دو!
کمل :میری سمجھ میں کچھ نہیں آتا کہ کیا کہوں !
اجے :کچھ مت کہو وہو۔۔۔ بس آج شام میرے ساتھ پکچر چلو۔اچھا پکچر کو مارو گولی۔ کہیں گھومنے چلیں گے۔۔۔ کسی جگہ بیٹھ کر باتیں کریں گے۔
کمل :باتیں۔۔۔؟
اجے :ہاں !۔۔۔ باتیں۔ بہت سی باتیں۔ جو میں تم سے کرنی چاہتا ہوں۔۔۔ سننی چاہتا ہوں۔
کمل :لیکن سر!
اجے :(اس کی بات کاٹ کر) پھروہی سر!کہو اجے۔۔۔ اجے !
کمل :اچھا اجے ہی سہی۔۔۔ لیکن آفس کے بعد اگر کہیں گئے تو گھر لوٹنے میں دیر ہو جائے گی۔
اجے :تو گھر فون کر دوکہ آج آفس میں او ور ٹائم کے لیے رک گئی ہوں۔
کمل :میرے گھر فون نہیں ہے۔
اجے :تو پھر آج ذرا جلدی گھر چلی جاؤ اور کہہ دوکہ آج آفس واپس جا کر بہت کام کرنا ہے۔ رات کو دیر ہو جائے گی۔۔۔ واپسی کی فکر مت کرو۔ میں تمہیں گھر چھوڑ دوں گا۔
کمل :اور آپ کے گھر والے؟ آپ کی مسز راہ دیکھیں گی۔
اجے :(اداس سی ہنسی کے ساتھ) میری مسز؟انھیں میری راہ دیکھنے کی فرصت کہاں ہے۔۔۔ ان کے لیے روپیہ، پیسہ، زیور، کپڑے، بال بچے، نوکر چا کر، ملنے جلنے والے اور بہت سی اسی طرح کی دلچسپی کی چیزیں ہیں۔۔۔ رہا میں !تو میں بس روپیہ بنانے کی مشین ہوں۔۔۔ !
کمل :اوہ۔۔۔ !
اجے :ہاں کمل۔۔۔ میری پتنی نے آج تک مجھے سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی۔
کمل :اور آپ نے۔۔۔؟
اجے :میری دنیا اور ہے۔ اس کی دنیا اور ۔۔۔ وہ کم پڑھی لکھی، پرانے خیالات کی عورت ہے۔ ہماری شادی ہوئے بیس برس ہو چکے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ اب ہمارے بیچ کچھ نہیں رہ گیا ہے۔
کمل :لیکن سر!۔۔۔ اجے۔ اس طرح میرے ساتھ آپ باہر وقت گزاریں گے تو دوری اور بڑھے گی۔۔۔ !
اجے :تم کتنی سمجھ دار ہو کمل!۔۔۔ کتنی اچھی!کتنی سوئٹ!تمہاری انھیں باتوں کی وجہ سے تو میں تمہاری طرف کھینچا چلا آ رہا ہوں۔
کمل :لیکن یہ میری بات کا جواب تو نہیں ہوا۔
اجے :تمہاری بات کا جواب یہ ہے کمل، کہ میری شادی شدہ زندگی کی تم کوئی فکر مت کرو۔ اب میرا اپنی بیوی سے کوئی سمبندھ کوئی تعلق باقی نہیں رہا۔
کمل :اور آپ کے بچے؟
اجے :بڑا لڑکا ٹیکنیکل ٹریننگ کے لیے امریکہ گیا ہوا ہے۔ اس سے چھوٹی لڑکی پیرس کی ایک آرٹ اکیڈمی میں پینٹنگ سیکھ رہی ہے۔ سب سے چھوٹا لڑکا یہیں ہے۔ نام کے لیے کالج جاتا تو ہے لیکن اپنا زیادہ وقت آوارہ گردی میں صرف کرتا ہے۔ پندرہ پندرہ دن ہم ایک دوسرے کی صورت تک نہیں دیکھتے۔ یہ ہے ہماری زندگی!
کمل :لیکن پھر بھی میرا اس طرح آپ کے ساتھ گھومنا پھرنا کچھ اچھا نہیں لگے گا۔
اجے :اس میں برائی کیا ہے۔ میری افسردہ، اداس زندگی میں تمہاری وجہ سے خوشی کے چند لمحے، سکھ کی کچھ گھڑیاں آ جائیں گی۔۔۔ کیا یہ برا ہے۔۔۔؟
کمل : آپ کے لیے تو برا نہیں مگر میرے لیے؟
اجے :تمہارے لیے بھی برا نہیں ہے کمل۔۔۔ !اچھا!If you don't mind تم سے ایک پرسنل سوال پوچھوں؟
کمل :پوچھئے۔!
اجے :تمہاری عمر اٹھائیس برس کی ہو گئی ہے۔ پچھلے برس سے نوکری کر رہی ہو۔ کب تک اپنے خاندان کے لیے اپنی زندگی۔۔۔
کمل :(اس کی بات کاٹ کر)جی نہیں سر۔۔۔ !میرے خاندان کو میری کمائی کی ضرورت نہیں ہے۔ نوکری تو میں اپنے شوق سے کر رہی ہوں !
اجے :اچھا!اپنے ہی شوق سے سہی۔ کیا نوکری ہی تمہاری زندگی کا مقصد ہے۔۔۔؟
کمل :فی الحال تو اور کوئی پروگرام سامنے نہیں ہے۔
اجے :زندگی بہت مختصر ہے کمل۔۔۔ !اور اس مختصر سی زندگی میں خوشی کی گھڑیاں اور بھی تھوڑی ہیں۔ جو گھڑی بھی وقت تمہاری جھولی میں ڈال دے اس سے فائدہ اٹھا لو ورنہ یہ گھڑیاں نہ جانے کہاں کھو جائیں گی اور تمہارے ہاتھ پچھتاوے کے سوا کچھ نہ لگے گا۔
کمل :سر!آج آپ نہ جانے کیسی باتیں کرنے لگے ہیں۔!میرا تو جی گھبرانے لگا۔۔۔ دل بہت اداس سا ہو گیا ہے آپ کی یہ باتیں سن کر!
اجے :اچھا ہے کہ تم بھی اتنی ہی اداس ہو جاؤ جتنا میں ہوں !پھر ہم دونوں مل کر اس اداسی کو دور کرنے کی کوئی تدبیر سوچیں گے۔
کمل :میں تواب تک اپنی اس اداسی کو اچھی طرح سمجھ بھی نہیں سکی ہوں۔ اسے دور کرنے کی کیا تدبیر سوچوں گی!
اجے :میں تمہاری مدد کروں گا کمل!۔۔۔ بولو۔ آج شام کو کچھ وقت میرے ساتھ گزارو گی؟سکھ کی کچھ گھڑیاں میرے دکھی جیون کی خالی جھولی میں ڈالو گی؟بولو کمل۔۔۔ بولو!
کمل :(آہستہ سے ) جی اچھا!
اجے ۔:Good!۔۔۔ او کمل! مجھے یقین ہے کہ ہم دونوں بے حد خوش رہیں گے۔ I will make you happy!
کمل :(کرسی سے اٹھ کر کھڑی ہو جاتی ہے ) اچھا تو میں چلوں؟
اجے :ہاں ہاں۔ مجھے بھی باہر جانا ہے۔ شام کو پانچ بجے تیار رہنا!
(کمل باہر جاتی ہے۔ اجے ٹکٹکی لگائے اسے دیکھتا رہتا ہے۔ اسٹیج پر اندھیرا ہو جاتا ہے۔۔۔ کچھ لمحے بعد اسپاٹ لائٹ آفس کے اسی کونے پر جہاں کمل اور سریتا بیٹھی ہیں۔)
تیسرا منظر
(سریتا فائل دیکھ رہی ہے۔ کمل آتی ہے۔ سریتا اس کے آنے کی آہٹ سنتے ہی پھر سے کھنکارنے لگتی ہے۔)
کمل :کیوں سریتا کیا ہوا تمہیں۔۔۔؟جب میں باس کے چیمبر میں گئی اس وقت بھی تم کھانس رہی تھیں۔۔۔ کیاجب سے اب تک کھانس رہی ہو؟
سریتا :ہاں، پورے پندرہ منٹ ہو گئے۔
کمل :اچھا!تو آج کل گھڑی دیکھ کر کھانسا کرتی ہو؟
سریتا :پھر اور کیا کروں؟آج کل تم باس کے پاس جا کر وقت اور جگہ سب کچھ بھول جاتی ہو!کسی کوتو وقت کا حساب رکھنا چاہئے۔
کمل :Don't be silly! کام وام کچھ کرتی ہو نہیں اور بیٹھی اس طرح وقت ضائع کرتی ہو۔
سریتا :مجھے ٹالنے کی کوشش مت کرو کمل۔۔۔ میں بڑی سنجیدگی سے تم سے کچھ باتیں کرنی چاہتی ہوں۔
کمل :تو کرو نا۔۔۔ کس نے منع کیا ہے۔
سریتا :یہاں نہیں۔۔۔ لنچ ٹائم ہونے ہی والا ہے۔ چلو کسی ایسی جگہ چل کر بیٹھیں جہاں کوئی ہمیں ڈسٹرب نہ کرے۔(فائل بند کر کے کھڑی ہو جاتی ہے۔)آؤ چلیں۔
کمل :ابھی سب لوگ لنچ کے لیے باہر چلے جائیں گے۔ باس خود باہر گئے ہیں۔ آدھے گھنٹے تک تو اس سے بہتر اور کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہاں کوئی ہمیں ڈسٹرب نہیں کرے گا۔
سریتا :(بیٹھ جاتی ہے ) چلو یہی سہی۔۔۔ آج یہیں کچھ منگا لیتے ہیں۔ (پکارتی ہے ) بابو راؤ۔۔۔
چپراسی :جی بائی ساب!
سریتا :دو چائے اور دو پلیٹ سینڈوچ لے آؤ۔
چپراسی :جی بائی ساب!
(چپراسی باہر جاتا ہے۔ کمل اور سریتا کی گفتگو کے دوران دو گلاسوں میں چائے اور سینڈوچ لا کر رکھ دیتا ہے۔ دونوں باتیں بھی کر رہی ہیں اور کھانا پینا بھی جاری ہے۔)
سریتا :بات یہ ہے کمل کہ تم میری بڑی پیاری سہیلی، بڑی اچھی ساتھی ہو۔ اس لیے کہہ رہی ہوں کہ آج کل تم جو کچھ کر رہی ہو یہ ٹھیک نہیں ہے۔
کمل :کیا مطلب ہے تمہارا؟
سریتا :مطلب تم اچھی طرح سمجھ رہی ہو۔۔۔ کئی دن سے دیکھ رہی ہوں کہ تم جب بھی باس کے چیمبر میں گئی ہو پندرہ بیس منٹ سے پہلے باہر نہیں نکلتیں اور اس دوران میں بابو راؤ کسی کو اندر نہیں جانے دیتا۔
کمل :تم تو بات کا بتنگڑ بنا رہی ہو سریتا! باس اس کمپنی کے مالک ہیں۔ میں ان کی سکریٹری۔۔۔ اگر مجھ سے کچھ کہنے کو وہ اپنے چیمبر میں بلا لیں تو اس میں عجیب بات کیا ہوئی؟
سریتا :اس آفس میں کام کرنے والے بچے نہیں ہیں۔ کیا تم سمجھتی ہو کہ ہم سب بیوقوف ہیں؟
کمل :بے وقوف کیوں ہوتے۔ ضرورت سے زیادہ عقل مند ہیں۔ دوسرے کے پھٹے میں پاؤں ڈالنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں رکھتے۔
سریتا :نادانی کی باتیں مت کرو کمل!ہم سب نے دنیا دیکھی ہے۔ حالات کا کچھ اندازہ کر سکتے ہیں۔ اچھا سچ سچ بتاؤ۔ آج اتنی دیر تک باس سے کیا باتیں ہوتی رہیں؟
کمل ۔:انھوں نے آج شام مجھے اپنے ساتھ کہیں لے جانے کو کہا ہے۔
سریتا :ابھی تک تو باس تمہیں اپنے چیمبر میں بلا کر باتیں کر لیتے تھے۔ آج شام ساتھ گزارنے کو کہا ہے۔ کچھ دن ریسٹوران میں بیٹھ کر کافی اور سمندر کے کنارے بیٹھ کر گپ شپ کرنے کے بعد آگے کی منزل آئے گی۔۔۔ اور ایک دن تم ان کے ساتھ رات گزارنے کو راضی ہو جاؤ گی!
کمل :شٹ اپ سریتا!میری اتنی پرانی ساتھی ہو کر میرے بارے میں ایسی باتیں کیسے سوچ سکتی ہو؟
سریتا :میں اس لیے سوچ رہی ہوں کہ تم نے اپنی سوچ کے دروازے بند کر دئیے ہیں۔۔۔ ذرا سوچو کمل۔ یہ راستہ تمہیں کہاں لیے جا رہا ہے۔ تمہاری منزل کہاں ہے؟
کمل :میری کوئی منزل نہیں ہے۔ راستہ جہاں لے جائے وہیں چلی جاؤں گی۔ (بھنا کر کھڑی ہو جاتی ہے ) آخر میں بھی انسان ہوں۔۔۔ میرے بھی دل ہے۔۔۔ میں بھی زندگی سے کچھ چاہتی ہوں۔
سریتا :کیا چاہتی ہو؟ اجے کمار کی رکھیل بننا؟
کمل :(بے انتہا غصے کے ساتھ) سریتا۔۔۔ !
(کرسی پر بیٹھ کر سر دونوں ہاتھوں سے تھام لیتی ہے۔)
سریتا :کیوں !بگڑ کیوں گئیں؟کیا اجے کمار تم سے شادی کر رہا ہے؟
کمل :(انکار میں سر ہلاتی ہے۔ کچھ بولتی نہیں )
سریتا :ظاہر ہے۔ شادی تو اپنے برابر والے کسی امیر سیٹھ کی لڑکی سے ہی کی جاتی ہے۔۔۔ سکریٹری کے ساتھ تو صرف وقت گزارا جاتا ہے۔
کمل :نہیں سریتا۔ یہ بات نہیں ہے۔
سریتا :پھر اور کیا بات ہے؟
کمل :وہ بہت دکھی ہیں۔ میرے ساتھ سکھ کی کچھ گھڑیاں گزارنا چاہتے ہیں۔
سریتا :کیوں؟بیوی کے ساتھ سکھ کی کچھ گھڑیاں نہیں گزاری جا سکتیں کیا؟
کمل :ان کی بیوی نے کبھی انھیں سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی۔
سریتا :ہونہہ!بیس پچیس برس کی شادی شدہ زندگی کے بعد اب کہتے ہیں کہ بیوی نے سمجھنے کی کوشش نہیں کی۔ دکھی ہیں۔۔۔ اور تم اتنی بیوقوف ہو کہ ان کی باتوں میں آ گئیں !
کمل :اور کیا کرتی؟
سریتا :تو گویا تم جان بوجھ کر خود دھوکا دے رہی ہو۔
کمل :شاید تم ٹھیک کہہ رہی ہو۔
سریتا :تمہیں اس سے ملے گا کیا؟
کمل :مجھے آج تک زندگی سے کیا ملا ہے جواب ملنے نہ ملنے کی فکر کروں !
سریتا :یہ تو غلط کہہ رہی ہو تم!زندگی نے تمہیں بہت کچھ دیا ہے۔ پڑھی لکھی ہو، تندرست ہو، قبول صورت ہو، اچھی نوکری ہے، تنخواہ بھی کافی ہے۔!
کمل :بس۔۔۔ !کیا ایک لڑکی کی زندگی میں یہی کافی ہے؟اس کے علاوہ اسے اور کچھ نہیں چاہئے؟
سریتا :چاہئے تو بہت کچھ۔۔۔ لیکن جتنا زیادہ چا ہو۔ نہ ملنے کا دکھ اتنا ہی بڑا ہوتا ہے۔
کمل :مگر میں نے تو زندگی سے کبھی بڑی ڈیمانڈ(Demand) نہیں کی! بہت معمولی معمولی چیزوں، بہت چھوٹے چھوٹے سکھوں کی تمنا کی تھی۔ ایک چھوٹا سا گھر، ایک ہم خیال، ہم مزاج شوہر، ہنستے کھیلتے ایک دو بچے اور ۔۔۔
سریتا :(اس کی بات کاٹ کر) تو کیا زندگی میں آج تک تمہیں کوئی ہم خیال، ہم مزاج شخص نہیں ملا؟
کمل :(ٹھنڈاسانس بھرکے ) ملا تھا ایک۔۔۔ !
سریتا :کون؟کب؟کہاں۔۔۔؟کیا نام تھا اس کا؟
کمل :اب اس ظالم کا نام سن کر کیا کرو گی۔۔۔ بس یوں سمجھ لو بالکل ویسا ہی تھا جیسا میں خوابوں میں دیکھا کرتی تھی!
سریتا :کب کی بات ہے یہ؟
کمل :دس گیارہ برس پہلے کی۔۔۔ میں کالج میں پڑھتی تھی۔ وہ مجھ سے ایک سال آگے تھا۔ کالج کی سوشل گیدرنگ کے وقت ہم نے ایک ساتھ ڈرامے میں کام کیا تھا۔ پھر ہم دھیرے دھیرے قریب آتے گئے۔
سریتا :پھر۔۔۔؟
کمل :پھر ہم نے مل کر بڑے بڑے پلان بنائے۔ بڑے سندر سندر سپنے دیکھے۔
سریتا :یہی کہ ایک چھوٹا سا گھرہو۔
کمل :یہ تو تھا ہی۔۔۔ لیکن اس کے ساتھ اور بھی بہت کچھ۔
سریتا :بہت کچھ کیا۔۔۔؟
کمل :یہی کہ ہم دونوں مل کر وطن کی خدمت کریں گے۔ اپنے پیارے دیش سے غریبی، بیکاری، جہالت دور کریں گے۔!وہ ایک بہت بڑے فیکٹری اونر کا بیٹا تھا۔۔۔ اس نے سوچا تھا کہ کسی گاؤں میں جا کر ایک کارخانہ کھولے گا تا کہ آس پاس کے کئی گاؤوں کے بیکار لوگوں کو کام مل جائے۔ میں نے سوچا تھا کہ میں گاؤں کی عورتوں اور بچوں کے لیے ا سکول کھولوں گی۔۔۔ ہم دونوں مل کر ایک گاؤں کو نمونے کا گاؤں بنا دیں گے۔
سریتا :پھر کیا ہوا اس پلان کا؟
کمل :وہی جو ہونا تھا۔ سپنا ٹوٹ گیا۔ آنکھ کھل گئی!
سریتا :کیسے ٹوٹا سپنا؟
کمل :ایک دن اسے پتہ چل گیا کہ میں ایک بہت ہی معمولی گھرانے کی لڑکی ہوں۔ پتا جی ایک جگہ لفٹ مین ہیں، ماں لوگوں کے برتن مانجھتی ہے۔۔۔ اور یہ بھی کہ ہم لوگ ایک جھونپڑپٹی میں رہتے ہیں۔
سریتا :مگرتم نے یہ سب اس سے چھپایا کیوں تھا؟
کمل :چھپانے کا سوال ہی نہیں تھا۔ اس نے مجھ سے میرے گھرانے کے بارے میں کچھ پوچھا ہی نہیں۔ نہ جانے کیسے خود ہی سمجھ بیٹھا کہ میں بھی اس کی طرح امیر گھرانے کی لڑکی ہوں۔
سریتا :پھر اسے یہ سب کیسے معلوم ہوا؟
کمل :(لمبا سانس کھینچ کر) تم میرے چھوٹے بھیا سے ملی ہو۔؟
سریتا :وہی جو اکثر تمہیں کار میں یا موٹر بائیک پر آفس تک چھوڑنے آتے ہیں؟
کمل :ہاں۔۔۔ !وہی میرے بھیا!تین سال کی جیل کاٹ چکے ہیں۔
سریتا :ہیں !۔۔۔ جیل۔؟
کمل :چونک گئیں نا!اسے جب پتہ چلا کہ میرے بھیا کو جیل ہو گئی ہے تو پہلے بہت ہمدردی کرتا رہا۔ میرے آنسو پونچھے۔ ظالم سماج سے لڑنے کا ارادہ اور پکا کر لیا۔ لیکن جب اسے پتہ چلا کہ یہ جیل دیش پریم کے لیے نہیں بلکہ اسمگلروں کے گروپ کے ساتھ پکڑے جانے پر ہوئی ہے تو وہ کھنچا کھنچا سا رہنے لگا۔
سریتا :مگر اس میں تمہارا کیا قصور تھا؟
کمل :میں نے بھی اس سے یہی کہا تھا۔ قسمیں کھائیں کہ مجھے پتہ نہیں تھا کہ بھیا یہ کام کرتے ہیں۔ بظاہر تو وہ ایک موٹر میکنک تھے۔ اب بھی وہی کام کرتے ہیں۔۔۔ جن کاروں میں مجھے چھوڑنے آتے ہیں وہ سب دوسروں کی ہوتی ہیں، گیریج میں مرمت کے لیے آتی ہیں تو بھیا درست کرنے کے بعد ایک آدھ بار استعمال کر کے واپس کر دیتے ہیں۔
سریتا :پھر تمہارے اس آدرش وادی دیش سیوک نے یہ سن کر کیا کیا؟
کمل :وہ کیا کرتا؟خود میں نے اسے بتا دیا کہ میرے پتا جی لفٹ مین ہیں۔ ماں لوگوں کے برتن مانجھتی ہیں اور بڑے بھیا ٹیکسی ڈرائیور ہیں۔ ایک دن اسے اپنے گھر بھی لے گئی۔
سریتا :پھر۔۔۔؟
کمل :پھر کیا! پہلے ہم جہاں رہتے تھے وہ جگہ تم نے بھی نہیں دیکھی۔۔۔ چاروں طرف بہتی گندی نالیوں اور چوڑے کے بیچ بنی ہماری جھونپڑی میں بیٹھا وہ بے چینی سے پہلو بدلتا رہا۔۔۔ ماں کے سوالوں کے ایک دو لفظوں میں جواب دیتا رہا۔ آدھا، ایک گھنٹہ بیٹھ کر، چائے کا ایک کپ زہر کے گھونٹ کی طرح حلق سے اتار کر وہ چلا گیا۔۔۔
سریتا :اور اس کے آدرش۔۔۔؟
کمل :آدرش اپنی جگہ قائم ہیں۔ اب بھی وہ ویسا ہی آدرش وادی ہے۔ بڑے بڑے بھاشن دیتا ہے۔ سنا ہے اگلے الیکشن میں اسمبلی کے لیے کھڑا ہونے والا ہے۔
سریتا :مگر تم سے کیا کہہ کر ترک تعلق کیا؟
کمل :مجھ سے تو کچھ نہیں کہا۔۔۔ ایک بار بڑے بھیا اس سے ملنے گئے اور میری شادی کی بات کی تو کہنے لگا کہ میرے پتا جی سے بات کیجئے۔ اس کے پتا جی نے الٹا میرے بھیا سے سوال کیا کہ شادی کے بعد جب لوگ میرے بیٹے سے پوچھیں گے کہ تمہاری بیوی کس گھرانے کی ہے تو وہ کیا جواب دے گا؟کیسے کہہ سکے گا کہ سسر لفٹ مین ہیں، ساس برتن مانجھنے والی! ہمارے اور آپ کے سماجی حالات میں جو فرق ہے وہ اس خلیج کی طرح ہے جسے پاٹنا مشکل ہے۔
سریتا :مگرتم دونوں نے مل کر جو پلان بنائے تھے۔ جو سپنے دیکھے تھے؟
کمل :وہ سب جھونپڑپٹی کی گندی نالیوں میں بہہ گئے۔
سریتا :اس کے بعد ۔۔۔؟
کمل :اس کے بعد میں شاک اور دکھ سے بیمار پڑ گئی۔ امتحان میں فیل ہو گئی۔۔۔ میں نے سوچا اب جینا بیکا رہے۔ یا اگر موت کے انتظار میں جینا ہے تو پھر پڑھنے لکھنے کی ضرورت کیا؟کس کام آئے گی پڑھائی لکھائی؟ رہوں گی تو میں لفٹ مین اور برتن مانجھنے والی ہی کی بیٹی۔۔۔ !
سریتا :پھر تم نے بی اے کب کیا؟
کمل :پتا جی کو میرے اور چھوٹے بھیا کے دکھ نے وقت سے پہلے بوڑھا کر دیا۔۔۔ وہ اتنے کمزور ہو گئے کہ انھیں نوکری سے نکال دیا گیا۔ ادھر ماں محنت کرتے کرتے بیمار پڑ گئیں۔ اب صرف بڑے بھیا کی ٹیکسی تھی جس پر سارے گھر کا گزارا تھا۔ پھر چھوٹے بھیا جیل سے چھوٹ کر آ گئے۔۔۔ انھوں نے آ کر میری ہمت بندھائی۔ جینے اور حالات سے لڑنے کا حوصلہ پھر سے مجھ میں پیدا کیا۔ میں نے امتحان دیا۔ پاس ہو گئی۔ ٹائپنگ اور شارٹ ہینڈ سیکھا۔ نوکری کی اور آج تمہارے سامنے بیٹھی ہوں۔ یہ ہے میری رام کہانی۔۔۔ !
سریتا :مگر تمہارے گھر والوں نے کہیں اور تمہاری شادی کرنے کی کوشش نہیں کی۔۔۔؟
کمل :یہ سب میں تمہیں کل بتاؤں گی۔ لنچ ٹائم ختم ہونے کو ہے۔ باقی لوگوں کے آنے سے پہلے میں چلوں۔۔۔
سریتا :کہاں چلیں؟
کمل :بتایا تو تھا کہ آج کی شام مجھے باس کے ساتھ گزارنی ہے۔ ا س سے پہلے گھر جا کر ماں کو بتا دوں کہ آج آفس میں او ور ٹائم کروں گی۔!
(سریتا غصے سے کمل کو گھور کر دیکھتی ہے۔)
کمل :اس طرح گھور گھور کر مت دیکھو۔ باس کی اجازت سے جلدی جا رہی ہوں۔۔۔ اچھا بائی!
۔۔۔ اندھیرا۔۔۔
چوتھا منظر
(کمل کا گھر۔ کمل آفس جانے کی تیاری کر رہی ہے۔ ماں چائے کی پیالی لے کر آتی ہے۔)
کمل :ارے ماں جی!تم کیوں اٹھ گئیں بستر سے؟ڈاکٹر نے تمہیں آرام کرنے کے لیے کہا ہے۔
ماں :آرام کے سوا میں اور کر ہی کیا رہی ہوں۔ آج کل۔!۔۔۔ رات تو کب آئی مجھے پتہ بھی نہ چلا۔!
کمل :پتا جی نے دروازہ کھولا تھا۔ تم سو گئیں تھی اس لیے تمہیں اٹھانا اچھا نہیں لگا۔
ماں :تو او ور ٹائم نہ کیا کر بیٹی۔۔۔ !تیرا اتنی رات تک باہر رہنا مجھے بالکل اچھا نہیں لگتا۔
کمل :مجھے کب اچھا لگتا ہے۔۔۔ مگر مجبوری ہے۔ نوکری کرنی ہے تو باس کا حکم ماننا ہی پڑے گا۔ وہ کام ختم کرنے کے لیے رکنے کو کہیں تو انکار تھوڑا ہی کیا جاتا ہے۔
ماں :اچھا۔ آج آفس نہ جا۔ چھٹی لے لے۔
کمل :کیوں ماں۔۔۔؟
ماں :تیرے پتا جی کے کوئی دوست ملنے آ رہے ہیں۔ ان کا لڑکا بھی ان کے ساتھ ہو گا۔
کمل :تو مجھے ان سے کیا۔۔۔ !
ماں :اری باولی۔ تجھے دیکھنے آ رہے ہیں۔
کمل :ماں۔۔۔ !میں نے تم سے کتنی بار کہہ دیا ہے کہ پتا جی کو منع کر دو میری شادی کی فکر نہ کریں۔ میں کسی پر بوجھ نہیں ہوں۔ اپنے پیروں پر کھڑی ہوں۔
ماں :اپنے پیروں پر کھڑا ہونا کافی نہیں ہوتا بیٹی!پیسہ ہی سب کچھ نہیں ہے۔ جینے کے لیے عورت اور مرد دونوں کو ایک دوسرے کا ساتھ چاہئے۔۔۔ یہ تو بھگوان کا بنایا ہوا قانون ہے۔ منشیہ کا سوبھاؤ ہے۔ تو کیسے اکیلی یہ پہاڑ سا جیون بتائے گی؟
کمل :نہیں بتا سکی تومر جاؤں گی۔۔۔ بس!
ماں :ضد نہ کر بیٹی۔ تیرے بڑے بھائی نے بھی لڑکے کی تعریف کی ہے۔
کمل :کون ہے؟۔۔۔ کیا نام ہے؟۔۔۔ کیا کرتا ہے؟۔۔۔ کہاں رہتا ہے؟ مجھے کچھ پتہ نہیں۔۔۔ وہ آئے گا۔ مجھے دیکھے گا۔۔۔ گائے، بکری کی طرح ٹٹولے گا۔ پسند کرے گا تو آپ سب اس کے ساتھ میرا پلو باندھ کر بدا کر دیں گے اور اسے میں پسند نہ آئی تو آپ لوگ پھر دوسرے کی تلاش میں جٹ جائیں گے۔ کیا اس سارے تماشے میں مجھے کچھ کہنے، سننے، پسند ناپسند کا حق نہیں۔۔۔؟
ماں :اتنی ناراض کیوں ہوتی ہے۔ تیری پسند سے ہی ہو گا۔۔۔ لڑکا اچھے گھر کا ہے۔ میٹرک پاس ہے۔
کمل :میں بی اے پاس ہوں۔!
ماں :ٹیکسی چلاتا ہے۔
کمل :میں ایک بہت بڑی کمپنی کے مالک کی سکریٹری ہوں !
ماں :اچھا خاصا کما لیتا ہے۔
کمل :میں بھی اچھی خاصی تنخواہ پاتی ہوں !
ماں :تو کہنا کیا چاہتی ہے؟
کمل :میں ٹیکسی ڈرائیور سے شادی نہیں کروں گی!
ماں :ٹیکسی ڈرائیور سے تو شادی نہیں کرے گی۔۔۔ !اور وہ جو تیرا راجکمار آیا تھا وہ تجھ سے شادی نہیں کرے گا۔۔۔ پھر تیرا کیا ہو گا؟
کمل :جو کچھ ہو گادیکھا جائے گا۔۔۔ فی الحال تو تم نے مجھے آفس جانے میں دیر کرا دی۔
(باہر سے آواز آتی ہے۔۔۔ ’’ماں جی۔۔۔ !‘‘)
ماں :کون۔۔۔؟(باہر جھانکتی ہے ) پرکاش۔۔۔ ! آؤ بیٹا۔ کیا بات ہے؟
پرکاش :نمستے ماں جی!۔۔۔ نمستے کمل جی!۔۔۔ چھوٹے بھیا نے یہ سبزی بھیجی ہے۔
(سبزی کی با سکٹ ماں کو پکڑا دیتا ہے۔)
ماں :لا بیٹا!۔۔۔ جیتا رہے۔
(ماں سبزی لے کر اندر چلی جاتی ہے۔ کمل میز پر سے اپنا پرس اور کاغذات اٹھا رہی ہے۔ پرکاش چپ چاپ کھڑا اسے دیکھے جا رہا ہے۔)
کمل :(پرکاش سے ) چھوٹے بھیا ہیں گیراج میں؟
پرکاش :جی نہیں۔ وہ تو کہیں باہر گئے ہیں۔ کیا کام تھا آپ کو؟۔۔۔ مجھ سے کہیے میں کر دوں۔۔۔؟
کمل :جی نہیں۔۔۔ آپ کا حرج ہو گا۔
پرکاش :نہیں نہیں۔۔۔ آپ کہیے تو۔۔۔ آپ کی سیوا کرنے میں تو مجھے بڑی خوشی ہو گی۔ آپ کہیے تو سہی۔۔۔!
کمل :بات یہ ہے پرکاش جی کہ آج مجھے آفس جانے میں ذرا دیر ہو گئی ہے۔ چھوٹے بھیا ہوتے تو ان سے کہتی کہ ریپئرس کے لیے آئی کسی کار میں ذرا مجھے آفس تک چھوڑ آتے۔
پرکاش :تو آئیے نا۔۔۔ میں چھوڑ آؤں۔ بشرطیکہ آپ کو میرے ان پٹرول، ڈیزل، گریز، کالک وغیرہ وغیرہ سے سنے ہوئے کپڑوں سے گھن نہ آ رہی ہو اور میرے ساتھ بیٹھتے ہوئے شرم نہ آئے۔
کمل :شرم کی کیا بات ہے۔ میرے چھوٹے بھیا بھی تو اسی حلیے میں رہتے ہیں۔
پرکاش :مگر آپ کے ساتھ جب بھی جاتے ہی، تو پہلے نہا دھوکر صاف ستھرے کپڑے پہن لیتے ہیں۔ لیکن میرا گھر یہاں سے دور ہے اس لیے آپ کو میرے اس حلیے کو برداشت کرنا ہی ہو گا۔۔۔ خیر آفس میں کوئی پوچھے تو کہہ دیجئے کہ میرا ڈرائیور تھا۔!
کمل :جی نہیں جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں۔ میرے آفس میں سب کو معلوم ہے کہ میرے پاس کار نہیں ہے، اور میں نے سب کو بتا دیا ہے کہ میرا بھائی ایک معمولی موٹر میکنک ہے۔
پرکاش :ایسے کڑوے سچ آپ کس طرح بول لیتی ہیں؟
کمل :ایک بار چپ رہنے کی سزا پا چکی ہوں اس لیے اب بولنا سیکھ گئی ہوں !
پرکاش :میرے لیے بھی چپ رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ آج میں بھی ایک سچ بول دوں۔۔۔؟
کمل : آپ کی مرضی۔۔۔ !
پرکاش :جی نہیں۔۔۔ آپ کی مرضی ضروری ہے۔
کمل : آپ کے سچ سے میرا کیا تعلق۔۔۔؟
پرکاش :بہت زیادہ تعلق ہے کمل جی۔۔۔ ! کہیے بول دوں؟
کمل :عجیب آدمی ہیں آپ۔۔۔ !
پرکاش :عجیب تو نہیں۔۔۔ بہت معمولی، سیدھا سادا ویکتی ہوں۔ اسی لیے سچ بولتے ہوئے ڈرتا ہوں۔
کمل :دیکھئے مجھے دیر ہو رہی ہے۔
پرکاش :جی بس ابھی کار لایا اور منٹوں میں آپ کو آفس پہنچا دیا۔۔۔ یہ بتائیے کہ آپ صرف سچ بولتی ہیں یا سچ سننے کی ہمت بھی ہے آپ میں؟
کمل : آپ بول کر دیکھ لیجئے۔
پرکاش :اچھا۔۔۔ تو بات یہ ہے کمل جی۔۔۔
کمل :کہیے نا۔۔۔ !
پرکاش :میں بہت دن سے آپ سے بات کرنی چاہتا تھا۔
کمل :تو کیجئے نا۔۔۔ !
پرکاش :بات یہ ہے کمل جی۔۔۔ کہ وہ۔۔۔ میں۔۔۔ آپ، آپ مجھ سے شادی کریں گی۔۔۔؟
کمل :(بے حد تعجب سے ) جی۔۔۔؟
پرکاش :جی۔۔۔ شادی۔۔۔ !
کمل : آپ سے؟
پرکاش :جی ہاں۔۔۔ مجھ سے۔۔۔ !چاہے آپ کے لیے یہ عجیب بات ہو۔ آپ چاہے مجھے پاگل سمجھیں، مگر میرے جیون کی سب سے بڑی آشا۔۔۔ سب سے مدھر کامنا اور سب سے میٹھا سپنا ہے۔۔۔ !
کمل :بس۔۔۔ بس پرکاش جی۔ لگتا ہے آج آپ پی کر آ گئے ہیں۔ اسی لیے اپنے آپے میں نہیں ہیں؟
پرکاش :آج تو خیر میں پی کر نہیں آیا۔ ویسے یہ سچ ہے کہ میں اپنے آپ میں نہیں ہوں ورنہ یہ نہ بھولتا کہ کہاں آپ۔۔۔ کہاں میں۔۔۔ ! آپ بی اے پاس، میں آٹھویں فیل۔۔۔ ! آپ ایک بہت بڑی کمپنی کے مالک کی سکریٹری۔۔۔ میں ایک معمولی گیراج میں میکنک۔۔۔ آپ شریف، نیک، سمجھدار۔۔۔ میں شرابی۔۔۔ موالی! جب سے میں نے آپ کے چھوٹے بھیا کے ساتھ کام شروع کیا ہے۔ روز آپ کو آتے جاتے دیکھتا رہتا ہوں۔ آپ ہی کودیکھتارہتا ہوں۔
کمل :لیکن۔۔۔ یہ شادی کا خیال۔۔۔ آپ کو کیسے آیا؟
پرکاش :ادھر کئی بار میں نے آپ کے پتا جی اور چھوٹے بھیا کو باتیں کرتے سنا کہ وہ آپ کی شادی کے لیے پریشان ہیں تو میرے من میں خیال آیا کہ اگر میں خود کو آپ کے لائق بنانے کی کوشش کروں تو شاید آپ۔۔۔ میری بات کا وشواس کیجئے کمل جی۔۔۔ چھوٹے بھیا سے پوچھ لیجئے۔ مدت ہو گئی میں نے شراب کو ہاتھ بھی نہیں لگایا۔ بس اپنے کام سے کام ہے۔ زیادہ سے زیادہ روپیہ کمانے کی فکر ہے۔ نائٹ ا سکول بھی جانا شروع کر دیا ہے۔ آپ چھوٹے بھیا سے پوچھ لیجئے۔
کمل :(بے حد روہانسی ہو کر) پرکاش جی۔۔۔ !میں آپ کے اس جذبے کی قدر کرتی ہوں۔ بھگوان آپ کی سہایتا کرے۔۔۔ آپ خوب پڑھیں، لکھیں۔۔۔ خوب پیسہ کمائیں۔ لیکن میں آپ کے ہاتھ جوڑتی ہوں۔ میرا خیال چھوڑ دیجئے۔ ہمارے راستے الگ الگ ہیں۔ اچھا میں چلتی ہوں۔
پرکاش :ٹھیرئیے۔۔۔ !میں ابھی کار لاتا ہوں۔
کمل :جی نہیں۔۔۔ آج دیر ہی سہی۔ میں بس سے ہی جاؤں گی۔
(پرس اور کاغذات اٹھا کر باہر چلی جاتی ہے۔ پرکاش کھڑا اسے دیکھ رہا ہے۔۔۔ اس حصے میں اندھیرا ہو جاتا ہے۔)
پانچواں منظر
(آفس کا وہی کونا جو پہلے اور تیسرے منظر میں تھا۔ سریتا بیٹھی ایک فائل پر کچھ لکھ رہی ہے۔ کمل داخل ہوتی ہے۔ سریتا اپنی کلائی کی گھڑی پر نظر ڈالتی ہے۔ پھر کمل کی طرف دیکھ کراس سے مخاطب ہوتی ہے۔)
سریتا :گڈ مارننگ!
(پھر گھڑی دیکھتی ہے۔ کمل جواب دیے بغیر ٹائپ رائٹر کا کور اتارتی ہے۔ سریتا پھر لکھنا شروع کر دیتی ہے۔ پھر لکھتے لکھتے کمل کی طرف دیکھے بغیر بولتی ہے۔)
سریتا :آج باس بھی ابھی تک آفس نہیں آئے؟
کمل :تو۔۔۔؟مجھے کیوں سنا رہی ہو؟
سریتا :آفس میں لوگ نہ اندھے بہرے ہیں اور نہ ایڈیٹ!
کمل :یعنی۔۔۔؟
سریتا :دو اور دو چار کا حساب سب ہی لگا سکتے ہیں۔
کمل :بھگوان کے لیے سریتا مجھے پریشان مت کرو۔
(دونوں ہاتھوں میں سر تھام کر بیٹھ جاتی ہے۔ پھر سسکیاں بھرنے لگتی ہے۔)
سریتا :Don't be silly! کمل۔۔۔ اپنے آپ کو سنبھالو ورنہ سب لوگ ادھر ہی دیکھنے لگیں گے۔
(کمل پرس کھول کر رومال نکالتی ہے۔ آنسو پونچھتی ہے۔ پھر اپنا میک اپ درست کر کے پرس بند کر دیتی ہے۔ دونوں ہاتھ گود میں رکھے چپ چاپ بیٹھی خلا میں گھور رہی ہے۔)
سریتا :(کمل کے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کربڑی نرمی اور محبت سے ) مجھے نہیں بتاؤ گی کمل۔۔۔؟ارے ارے پھر پھر آنسو بہنے لگے۔۔۔ !اچھا بھئی جانے دو۔ میں نہیں پوچھتی۔۔۔ مگر بھگوان کے لیے آنسو پونچھ لو۔
(کمل آنسو پونچھتی ہے۔)
کمل :تم نہیں پوچھو گی تو میں اپنے دل کی بات کس سے کہوں گی۔ گھر میں ماں، پتا جی اور بڑے بھیا تو میرے دل کی حالت سمجھنے کے لائق ہی نہیں ہیں۔ ان کے نزدیک تو لڑکی کی شادی میں جیون ساتھی کا ہم خیال، ہم مزاج اور من پسند ہونا ضروری نہیں۔ بس نام کے ساتھ شادی کا ٹھپہ لگ جانا کافی ہے۔ رہے چھوٹے بھیا جو میرے دل کی حالت اچھی طرح سمجھتے ہیں وہ بے حد مجبور ہیں۔۔۔ میں بھی مجبور ہوں۔۔۔ !
سریتا :یہ زخم تو پرانا ہے۔۔۔ کیا آج اس میں کوئی نئی ٹھیس لگ گئی؟
کمل :ایک نہیں۔۔۔ دو دو!
سریتا :بتا سکتی ہو۔۔۔؟
کمل :ہاں۔۔۔ آج پتا جی کے کوئی دوست اپنے لڑکے کے ساتھ مجھے دیکھنے آنے والے تھے۔
سریتا :پھر۔۔۔؟
کمل :میں نے انکار کر دیا۔
سریتا :کیوں۔۔۔؟
کمل :لڑکا میٹرک پاس ہے۔ ٹیکسی ڈرائیور ہے !
سریتا :اوہ۔۔۔ !
(کمل گہرا سانس لے کر خاموش ہو جاتی ہے۔)
سریتا :اتنی اداس مت ہو دوسرا پرپوزل آ جائے گا۔!
کمل :دوسرا بھی آ گیا!
سریتا :ہیں۔۔۔ !آج ہی۔۔۔؟
کمل :ہاں۔۔۔ آج ہی!
سریتا :اس کا کیا ہوا۔۔۔؟
کمل :میں نے انکار کر دیا۔!
سریتا :پھر انکار۔۔۔ !
کمل :ہاں۔۔۔ !
سریتا :کیوں۔۔۔؟
کمل :وہ چھوٹے بھیا کے ساتھ گیراج میں کام کرتا ہے۔ آٹھویں فیل ہے۔ پہلے شراب پیتا تھا۔
سریتا :اور اب۔۔۔؟
کمل :میرے لائق بننے کے لیے شراب چھوڑ دی۔ نائٹ ا سکول میں داخلہ لیا ہے۔ بے حد محنت کر رہا ہے تاکہ خوب پیسہ کمائے۔۔۔ !
سریتا :Poor thing! مجھے بے چارے پر ترس آ رہا ہے۔
کمل :اور مجھے اس کی اور اپنی حالت پر رونا آ رہا ہے۔ سریتا!تم ہی بتاؤ میں کیا کروں؟۔۔۔ سماج کے جس طبقے سے میرا تعلق ہے اس طبقے کی لڑکیاں پڑھ لکھ جائیں تو اپنے طبقے کے ان پڑھ یا کم پڑھے لکھے، معمولی حالت میں رہنے والے نوجوانوں سے شادی کرنا پسند نہیں کرتیں اور جو نوجوان ہماری نظر میں جچتے ہیں ان کا تعلق پڑھے لکھے خاندانوں اور خوش حال گھرانوں سے ہوتا ہے۔۔۔ وہ لوگ ہم سے فلرٹ تو کر سکتے ہیں شادی نہیں کرتے۔ اسی چکر میں ہماری عمریں نکلی چلی جا رہی ہیں۔ سریتا! تم بھی تو میرے ہی طبقے سے تعلق رکھتی ہو۔ تمہیں کیسے من پسند پتی مل گیا؟
سریتا :(طنز سے ہنس کر) من پسند۔۔۔؟میں نے حالات کے آگے سر جھکا دیا۔ لڑنے کی بجائے گھاٹے پر صلح کر لی۔!
کمل :مگر میں گھاٹے پر صلح کرنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔
سریتا :تو یہ ادھیڑ عمر کا۔۔۔ بیس برس کی بیاہتا بیوی کا شوہر۔۔۔ تین جوان بچوں کا باپ۔۔۔ اجے کمار!۔۔۔ یہ کیا ہے؟۔۔۔ کیا یہی ہے تمہاری منزل۔۔۔؟
کمل :مجھے خود نہیں معلوم میری منزل کہاں ہے؟
۔۔۔ اندھیرا۔۔۔
***
ماخذ:’’سوچ لیجئے ‘‘
سلیقہ کتاب گھر
۱۴/۱۵۶۰، جان محمد اسٹریٹ، پونہ۔ ۴۱۱۰۰۱
***
ماخذ: معز الدین فاروق کے ترتیب کردہ انتخابوں سے
تشکر: ڈاکٹر شرف الدین ساحل جن کے توسط سے وہ ان پیج فائل فراہم ہوئی جس سے یہ کتاب ترتیب دی گئی۔
ان پیج سے تبدیلی اور تدوین: اعجاز عبید
مانگے کا اجالا
اور دوسرے ڈرامے
یک بابی ڈراموں کا انتخاب
نورالعین علی
سید معز الدین احمد فاروق، اعجاز عبید
یہ دن بار بار آئے
جنید :میرے بستے میں سے کیا لیا تم نے ؟
رابعہ :کچھ بھی تو نہیں۔
(دونوں ہاتھ کھول کر دکھاتی ہے۔ )
جنید :پھر ہاتھ کیوں لگایا میرے بستے کو؟
رابعہ :میرا رنگین پنسلوں کا ڈبہ نظر نہیں آ رہا ہے۔
جنید :مجھے دیا تھا کیا جو میرے بستے میں تلاش کر رہی ہو؟
رابعہ :آخر گیا کہاں میرا ڈبہ!
جنید :گیا ہو گا کہیں۔ (زور سے چلا کر) ہٹو یہاں سے !
(رابعہ کو دھکّا دیتا ہے۔ رابعہ چیختی ہے۔ )
رابعہ :امی!دیکھئے بھیا کو۔
(امی آتی ہے۔ )
امی :ارے کیا ہو رہا ہے یہ، کیوں شور مچا رہے ہو تم لوگ؟
(امی کو آتا دیکھ کر رابعہ رونے لگتی ہے۔ )
رابعہ :امی، بھیا نے مجھے مارا۔
امی :دیکھو تمہارے ابا بہت ضروری کام کر رہے ہیں۔ تم لوگ اس طرح شور مچا کران کے کام کا حرج کر رہے ہو۔
جنید :امی، یہ جھوٹ بول رہی ہے۔ میں نے نہیں مارا، بس ذرا سا دھکا دیا تھا۔
ابا : (دوسرے کمرے سے آتے ہیں) یہ بچے اسی طرح لڑتے جھگڑتے اور شور مچاتے رہے تو میرا کام ہو چکا۔
امی :آپ اپنے کمرے میں جائیے۔ ان کو میں چپ کراتی ہوں۔
ابا :مگر یہ دونوں ہر وقت لڑتے کیوں رہتے ہیں۔ انسانوں کی طرح نہیں رہتے۔
امی :بس ذرا ذرا سی بات پر چھینا جھپٹی، مار پٹائی، توتو، میں میں۔ میں عاجز آ گئی ان کے لڑائی جھگڑوں سے۔
ابا :ٹھیک ہے لڑو جی بھرکے۔ میں ہی آفس چلا جاتا ہوں۔ بیٹھ کے کام کروں گا۔
(ابا اپنے کمرے میں چلے جاتے ہیں۔ )
(خالدہ آتی ہیں۔ )
خالدہ :السلام علیکم!
امی :وعلیکم والسلام!آؤ خالدہ بیٹھو۔
خالدہ :نہیں بھابی!بیٹھنے کا وقت نہیں ہے۔ میں تو یہ پوچھنے آئی تھی کہ سب خیریت ہے نا؟
امی :ہاں ہاں !اللہ کا شکر ہے سب خیریت ہے۔ مگر تم ایسے کیوں پوچھ رہی ہو؟
خالدہ :کل آپ کے گھر تار آیا تھا نا؟
امی :نہیں، ہمارے گھر تو کسی کا تار نہیں آیا۔
خالدہ :کل رات کے دس بجے کے قریب آیا تھا۔ آپ کے گھر میں شاید کوئی نہیں تھا۔ وہ اطلاع کا کاغذ دروازے میں سے ڈال کر چلا گیا ہو گا۔
امی :نہیں نہیں، کریمن بی گھر ہی پر تھیں۔ ہم لوگ تو ایک جگہ دعوت میں گئے تھے۔ (کریمن بی کو آواز دیتی ہے) کریمن بی!
کریمن بی :جی، بیگم صاحب!
امی :کل ہمارے جانے کے بعد کیا تم بھی کہیں چلی گئی تھیں ؟
کریمن بی :بس دو منٹ کو نکڑ تک پان لانے گئی تھی۔
خالدہ :بس، اسی وقت تار والا آیا ہو گا۔
امی :مگر ہمیں تو کوئی اطلاع کا کاغذ نہیں ملا۔ جنید جاؤ، اپنے ابا سے پوچھ کر آؤ۔ خالدہ تم بھی اب بتا رہی ہو!
خالدہ :اے لو!مجھے کیا پتہ کہ آپ لوگوں کو اس کی اطلاع ہی نہیں۔
امی :کریمن بی، تم پان لے کر آئیں تو تم نے یہاں دروازے کے پاس کوئی کاغذ پڑا دیکھا؟
کریمن بی :نہیں بیگم صاحب!
(ابا آتے ہیں۔ )
ابا :یہ تار کا کیا قصہ ہے بھئی؟
خالدہ :السلام علیکم بھائی صاحب!کل رات آپ کے گھر تار آیا تھا۔ دروازے میں تالا تھا۔ میں نے تار والے کو خود اپنی آنکھوں سے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔
امی :ہم لوگ دعوت سے لوٹے تب آپ نے کوئی کاغذ واغذ دیکھا تھا کیا؟
ابا :اب کاغذ کا رونا رونے سے بہتر ہے کہ ٹیلی گراف آفس جا کر پتہ چلایا جائے۔
جنید :میں چلا جاؤں ابا؟سائیکل پر ابھی گیا اور ابھی آیا۔
امی :نہیں، تم نہیں جاؤ گے۔ وہاں چوک پر بے حد بھیڑ رہتی ہے۔ موٹر گاڑیاں، ٹرک اور نہ جانے کیاک یا۔ خدانخواستہ کوئی حادثہ ہو گیا تو لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔
ابا :اسے جانے دو!بارہ سال کا ہو گیا ہے۔ کب تک بچہ بنا کے گھر میں بٹھائے رکھو گی۔
امی :آپ خود کیوں نہیں چلے جاتے۔
ابا :یہ رپورٹ پوری کر کے آج میٹنگ میں پیش کرنی ہے ورنہ تار کی خبر سن کر کیا میں اتنی دیر رکتا؟
امی :میں چلی جاؤں رکشا میں ؟
ابا :نہیں نہیں، تم کہاں پھرو گی ماری ماری۔ جنید ہی چلا جائے گا۔
جنید : (بے حد خوش ہو کر) جی ہاں ابا میں چلا جاتا ہوں۔
امی :دنیا ادھر کی ادھر ہو جائے جنید کو تو میں سائیکل پراس طرف جانے نہیں دوں گی۔
ابا :تم صرف بات کاٹتی رہو گی یا یہ بھی بتاؤ گی کہ پھر تار لانے کون جائے ؟۔ ۔ ۔ شاید کلکتے سے کلیم صاحب کا تار آیا ہو۔ ان کے ایک فیصلے پر میرے کاروبار میں ہزاروں کا نفع یا نقصان ہو سکتا ہے۔
خالدہ :آپ لوگ پریشان نہ ہوں۔ میں گھر جا کر ریاض کو بھیجتی ہوں۔ آج اس کی چھٹی ہے، جا کر تار لے آئے گا۔
امی :ہاں بی بی ذرا جلدی بھیج دو۔ کہیں زینت آپا کا نہ ہو۔ ان کے شوہر کئی دن سے اسپتال میں ہیں۔ خدا خیر کرے۔ نہ جانے کیا خبر ہو گی۔ اللہ سب کی خیریت کی خبر سنوائے۔
(آواز بھرا جاتی ہے۔ )
خالدہ :جی بس، ابھی بھیجتی ہوں۔
(جاتی ہے۔ )
(ابا ہاتھ پیچھے باندھے کمرے میں ادھر ادھر ٹہل رہے ہیں۔ )
امی :مجھے تو لگتا ہے میرے ہی لیے آیا ہے یہ تار۔ میری قسمت ہی ایسی ہے۔ ذرا چند دن سکون کے گزرتے ہیں کہ پھر کوئی نہ کوئی آفت سر پر آ پڑتی ہے۔
(رونے لگتی ہے۔ رابعہ دوڑ کر آتی ہے۔ ماں سے لپٹ جاتی ہے۔ )
رابعہ :امی!میری امی، روئیے مت۔
ابا : (زور سے) خاموش رہو تم دونوں۔ بیوقوفوں کی طرح آنے والی مصیبتوں پر پہلے سے ہی رونے بیٹھ گئیں۔ یہ تار یقیناً کلیم صاحب کا ہے۔ اگر انھوں نے اب انکار کر دیا تو میرا لاکھوں کا نقصان ہو جائے گا۔
امی :میرا دل کہہ رہا ہے کسی کی سناونی آئی ہے۔ آپ کو تو ہر وقت بس اپنے نفع نقصان کی پڑی رہتی ہے۔
ابا :میرے نفع نقصان میں تمہارا کوئی حصہ نہیں ؟کیا میرے نقصان سے تمہاری زندگی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا؟جب کہتی ہو ایسی ہی بے تکی بات کہتی ہو۔
(غصے میں بھرے اندر کمرے میں چلے جاتے ہیں۔ )
امی :کریمن بی!ایک گلاس پانی لاؤ۔ ارے میرے کلیجے میں آگ سی لگ رہی ہے۔
کریمن بی : (پانی کا گلاس لاتی ہیں) لو بیگم صاحب!
امی : (پانی پی کر گلاس میز پر رکھ دیتی ہیں۔ کریمن بی کھڑی ہیں) جاؤ جا کر بچوں کا ناشتہ تیار کرو۔ ا سکول کا وقت ہو رہا ہے۔
(کریمن بی اسی طرح کھڑی ہیں۔ )
پڑھنے میں مشکل؟؟؟
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)