دین و مذہب

مبادیاتِ اسلام

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (18,976 الفاظ)

القلم ریسرچ لائبریری کی پیشکش www.alqlmlibrary.org /library

مبادیات اسلام

دس سال تک کی عمر کے بچوں اور پچیوں کے لیے فرقہ واریت سے پاک اسلامی نصاب

مرتبہ سید ابرار حسین شاکر القادری

یہ مواد جی این یو فری ڈاکومنٹیشن لائسنس 1.2 کے تحت میسر ہے ۔

ابتدائیہ

الحمد للہ رب العالمین والصلوٰۃ والسلام علیٰ رسولہ الکریم وعلیٰ آلہ و اصحابہ اجمعین والسلام علینا وعلیٰ عباداللہ الصالحین

حدیث شریف میں آیا ہے کہ’’ والدین کی جانب سے اولاد کے لیے بہترین تحفہ یہ ہے کہ انکی اچھی تعلیم و تربیت کی جائے‘‘ والدین اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت کے ذمہ دار ہیں کل بروز حشر وہ اس سلسلہ میں جواب دہ ہونگے۔تربیت اطفال میں جہاں علوم جدیدہ کے ذریعہ انہیں معاشرہ کا مفید فرد بنایا جاتا ہے وہاں ان کی اخلاقی اقدار کی تشکیل اور ان کی کردار سازی میں اسلامی تعلیمات کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ بحیثیت مسلمان یہ ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنے بچوں کو بنیادی اسلامی تعلیمات سے مزین کریں اور ان کے اخلاق و کردار کو اسلامی بنیادوں پر استوار کریں تاکہ وہ فتنہ الحاد کے اس دور جدید میں اسلامی اقدار اور اخلاقیات کے پاسداربن کر معاشرہ کے مفید اور صالح رکن بن سکیں۔

افسوس کی بات ہے کہ ہمارے سکولوں اور سرکاری تعلیمی اداروں میں بچوں کے لیے خاطر خواہ اسلامی نصاب مہیا نہیں کیا گیا اور یہ ذمہ داری صرف دینی مدارس پر ڈال دی گئی ۔ اسی عدم توجہی کی بنا پر ہمارے بچے اسلامی تعلیمات سے دور ہوتے چلے جا رہے ہیں۔

زیر نظر کتاب ’’مبادیات اسلام‘‘ دس سال کی عمر تک کے بچوں کے لیے مرتب کی گئی ہے جس میں سوالاًجواباً دین اسلام کا مختصر تعارف ، بنیادی اسلامی عقائد اور اسلامی عبادات کے بارے میں وہ ضروری تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں جن کا جاننا اس عمر کے بچوں کے لیے ضروری ہے۔کتاب ہذا کو مرتب کرتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ اس موضوع پر بازار میں ملنے والی دوسری کتب کی طرح یہ کتاب قوم کے نونہالوں کے ذہنوں کو فرقہ واریت کے زہر قاتل سے مسموم نہ کر دے۔

میں شیخ الحدیث حضرت مولانا پیر بخش مدظلہ العالی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے کمال مہربانی سے کتاب پر نظر ثانی فرماتے ہوئے اصلاح طلب مقامات پر میری رہنمائی فرمائی، میں حافظ قاری وقار احمد صاحب خطیب جامع مسجد سادات محلہ شاہ آباد کا بھی شکر گزار ہوں کہ انکا تعاون بھی مجھے میسر رہا۔ جناب محمد اعظم عطمی،عزیزی امتیاز حسین سلمہ،عزیزی محمد صہیب سلمہ، اور عزیزی محمد ریحان الحسن کے ساتھ ساتھ ان تمام احباب کا شکر گزار ہوں جن کا تعاون مجھے حاصل رہا ۔ اللہ تبارک و تعالی ہماری اس ادنیٰ سی کاوش کو قبول فرمائے آمین۔

سید ابرار حسین شاکر القادری چشتی
دربار عالیہ چشتیہ نظامیہ قادریہ محلہ شاہ آباد اٹک شہر

(حصہ اول)

کتاب الاسلام

دین اسلام کا مختصر تعارف

اسلام اور مسلمان

: السلام علیکم!
: وعلیکم السلام!

سوال : آپ خیریت سے ہیں؟
جواب : اللہ کا بڑا کرم ہے اور آپ کی دعائیں ہیں۔

سوال : کیا میں آپ سے چند باتیں پوچھ سکتا ہوں؟
جواب : جی ضرور پوچھئے۔ میں بتانے کی کوشش کروں گا۔

سوال : آپ کا نام کیا ہے؟
جواب : میرا نام اقبال احمد ہے ۔ (ہر بچہ اپنا نام بتائے)

سوال : آپ کا مذہب کیا ہے؟
جواب : الحمد للہ! میرا مذہب اسلام ہے اور میں مسلمان ہوں۔

سوال : مسلمان کسے کہتے ہیں؟
جواب : دین ’’اسلام ‘‘کے ماننے والے کو مسلمان کہتے ہیں اورمسلمان وہ ہے جو اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے عقیدوں پر ایمان رکھے اور ان طریقوں پر عمل کرے جو اللہ تعالی نے اپنے پیارے نبی حضرت محمدﷺ کے ذریعہ ہمیں بتائے ہیں۔

سوال : ’’دین ‘‘کسے کہتے ہیں؟
جواب : ’’دین‘‘ ان عقیدوں اور زندگی گزارنے کے اس طریقہ کو کہتے ہیں جو اللہ تعالےٰ نے اپنے رسولوں کے ذریعہ انسانوں کو بتایا ہو۔

سوال : اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے پسندیدہ دین کا نام کیا ہے۔
جواب : اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے پسندیدہ دین کا نام ’’اسلام‘‘ ہے

سوال : کیا ہمارے نبی حضرت محمدﷺ سے پہلے کے تمام رسولوں کا دین ’’ اسلام‘‘ ہے؟
جواب : جی ہاں ہمارے نبی حضرت محمدﷺ سے پہلے کے تمام رسولوں کا دین بھی اسلام ہے۔

سوال : کیا ہمارے نبی ﷺ کے علاوہ دوسرے نبیوں اور رسولوں کے ماننے والے لوگوں کو بھی مسلمان کہا جاتا ہے؟
جواب : نہیں ۔ انہیں مسلمان نہیں کہا جاتا۔

سوال : انہیں مسلمان کیوں نہیں کہا جاتا؟
جواب : انہیں اس لیے مسلمان نہیں کہا جاتا کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے نبی ﷺ سے پہلے کے نبیوں اور رسولوں کے ذریعہ جو دین ’’اسلام‘‘ بھیجا تھا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں نے اس دین میں اپنی طرف سے باتیں شامل کر لیں اور دین کی کتابوں میں اپنی مرضی کی تبدیلیاں کر لیں، جن کی وجہ سے دین کی شکل تبدیل ہو گئی اور وہ اپنی اصلی حالت میں نہیں رہا۔

سوال : لوگوں کو اصلی دین ’’ اسلام‘‘ کا علم کیسے ہوا؟
جواب : اللہ تعالی نے ہمارے پیارے نبی ﷺ کے ذریعہ لوگوں کو اصلی دین اسلام بتایا اور انہی کے ذریعہ دین اسلام کو مکمل کیا۔ اور یہ بھی بتایا کہ سابقہ امتوں نے اپنے نبیوں اور رسولوں کے بتائے ہوئے دین میں تبدیلیاںکر لی تھیں۔

سوال : دین اسلام کے کتنے حصے ہیں؟
جواب : دین اسلام کے دو حصے ہیں ۔
۱۔ ایمان /عقائد ۲۔ احکام
٭٭٭

(حصہ دوم)

کتاب الایمان

وہ ضروری باتیں جن پر ہر مسلمان کے لیے ایمان لانا ضروری ہے

ایمان کا بیان

سوال : ایمان یا عقیدہ کسے کہتے ہیں؟
جواب : ایمان یا عقیدہ کے معنی ہیں کسی بات پر دل سے یقین کر لینا۔ہم دین کے بارے میں جن باتوں پر یقین رکھتے ہیں یا جن باتوں پر یقین رکھنا ضروری ہے اس کو ایمان یا عقیدہ کہتے ہیں۔

سوال : مسلمان ہونے کے لیے سب سے پہلے کیا چیز ضروری ہے؟
جواب : مسلمان ہونے کے لیے ضروری ہے کہ اسلام کا کلمہ زبان سے پڑھے اور دل سے اس پر یقین کرے اور اس کے معنی کو سچا سمجھے۔

سوال : اسلام کا کلمہ کیا ہے؟
جواب : اسلام کا کلمہ ہے
’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌرَّسُولُ اللّٰہِ‘‘ (ﷺ )
اس کلمہ کو کلمۂ طیبہ کہتے ہیں اور یہ پاک کلمہ اسلام کا پہلا رکن ہے۔

سوال : کلمہ طیبہ کے معنی کیا ہیں؟
جواب : کلمہ طیبہ کے معنی ہیں :
’’ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور حضرت محمدﷺ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں۔‘‘

سوال : کیا صرف کلمۂ طیبہ پڑھ لینے سے ایمان مکمل ہو جاتا ہے؟
جواب : ایماں اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک ان سات باتوں پر پورا پورا یقین نہ کر لیا جائے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے رسولﷺ کے ذریعہ ہم تک پہنچائی ہیں۔ اسی کا نام ایمان مفصل ہے۔

سوال : ایمان مفصل کیا ہے؟
جواب : ایمان مفصل یہ ہے:
اٰمَنتُ بِاللَّہِ وَمَٰلئِکَتِہٖ وَکُتُبِہٖ وَرُسُلِہٖ وَالیَومِ الاٰخِرِ وَالقَدرِخَیرِہٖ وَشَرِّہٖ مِنَ اللّٰہِ تَعَا لیٰ وَ البَعثِ بَعدَ المَوتِ۔

سوال : ایمان مفصل میں کون سی سات باتیں ہیں۔
جواب : ایمان مفصل میں مندرجہ ذیل سات باتیں ہیں اور یہی سات باتیں اسلام کے بنیادی عقیدے کہلاتی ہیں۔ باقی تمام عقیدے انہی بنیادی عقیدوں میں شامل ہیں۔
۱۔ اٰمَنتُ بِاللّٰہِ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں اللہ پر ایمان لایا۔
۲۔ وَمَلٰئِکَتِہٖ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور اللہ کے فرشتوں پر۔
۳۔ وَکُتُبِہٖ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور اس کی کتابوں پر۔
۴۔ وَرُسُلِہٖ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور اس کے رسولوں پر۔
۵۔ وَالیَومِ الاٰخِرِ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور قیامت کے دن پر۔
۶۔ وَالقَدرِخَیرِہٖ وَشَرِّہٖ ـــــ بات پر کہ اچھائی اور برائی کا اندازہ اسی
مِنَ اللّٰہِ تَعَا لیٰ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ خدائے بزرگ و برتر کی طرف سے ہے۔
۷۔ وَ البَعثِ بَعدَ المَوتِ۔ ۔ ۔ اور( میں ایمان لایا ) مرنے کے بعد دوبارہ زندہ ہونے پر

سوال : کیا مسلمانوں کے لیے ان سات باتوں پر ایمان لانا ضروری ہے؟
جواب : جی ہاں ان سات باتوں پر ایمان لانا ضروری ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

اٰمَنتُ بِاللَّہِ (میں اللہ پر ایمان لایا)

سوال : ایمان مفصل کے مطابق سب سے پہلے کس پر ایمان لانا ضروری ہے؟
جواب : سب سے پہلے اللہ تعالی پر ایماں لانا ضروری ہے۔

سوال : اللہ تعالیٰ کسے کہتے ہیں؟
جواب : اللہ تعالی وہ ہے جس نے ہمیں پیدا کیا۔ چاند اور سورج بنایا زمین آسمان اور ساری کائنات کو پیدا فرمایا۔

سوال : اللہ تعالیٰ کے بارے میں ہمیں کیسا عقیدہ رکھنا چاہئے؟
جواب : اللہ تعالیٰ کے بارے میں مسلمانوں کو یہ عقیدہ رکھنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ ایک ہے، وہ ہر برائی اور عیب سے پاک ہے ، صرف وہی عبادت کے لائق ہے، کوئی اس کا شریک نہیں۔ وہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا ، ساری کائنات اس کی محتاج ہے لیکن وہ کسی کا محتاج نہیں، نہ وہ کھاتا پیتا ہے اور نہ وہ سوتا ہے، نہ اس کے ماں باپ ہیں نہ بیوی اور نہ بیٹا بیٹی وہ ایسے تمام رشتوں سے پاک ہے۔ اس کی کوئی شکل و صورت نہیں وہ بے نظیر و بے مثال ہے کوئی اس کے برابر کا اور کوئی اس جیسا نہیں وہ بڑی قدرت والا ہے وہی سب کو زندگی اور موت دیتا ہے وہی سب کو رزق دیتا ہے وہ اپنے بندوں پر بڑا مہربان اور رحم کرنے والا ہے۔ وہ ہر بات کو جانتا ہے اور کوئی چیز اس سے چھپی ہوئی نہیں وہ مکان اور جگہ سے پاک ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

توحید /کفر/شرک

سوال : توحید کسے کہتے ہیں۔
جواب : توحید یہ ہے کہ انسان اللہ کے ایک ہونے کا اقرار کرے اور دل سے اس پر یقین کرے۔ اسی کو عبادت کے لائق سمجھے اور اللہ کے بارے میں یہ عقیدہ رکھے کہ وہ اپنی ذات اور صفات میں واحد اور یکتا ہے۔ نہ کوئی اس جیسا ہے اور نہ ہی کوئی اس کی ذات اور صفات میں شریک ہے۔

سوال : جو اللہ تعالیٰ کو نہ مانے اسے کیا کہتے ہیں؟
جواب : جو اللہ تعالیٰ کو نہ مانے اسے کافر کہتے ہیں۔ (کافر کے معنی کفر یا انکار کرنے والا ہیں)

سوال : کفر کیا ہے؟
جواب : کفر کے معنی ہیں انکار کرنا۔ دین کی ضروری باتوں کا انکار کرنا یا ان ضروری باتوں میں سے کسی ایک یا چند باتوں کا انکار کرنا کفر کہلاتا ہے اور ایسے شخص کو کافر کہتے ہیں۔

سوال : جو اللہ تعالی کے ساتھ اور لوگوں کو بھی عبادت کے لائق سمجھے اسے کیا کہتے ہیں؟
جواب : جو شخص اللہ تعالیٰ کے ساتھ اور لوگوں کو بھی عبادت کے لائق سمجھے یا ان کی عبادت کرے یا اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات میں کسی اور کو بھی شریک جانے اسے کافر اور مشرک کہتے ہیں۔

سوال : کافر اور مشرک ہونے میں کیا خرابی ہے؟
جواب : کافر اور مشرک سے اللہ تعالیٰ ہمیشہ ناراض رہتا ہے اور مرنے کے بعد انہیں ہمیشہ جہنم میں رہنا پڑتا ہے۔

سوال : کیا کافر اور مشرک جنت میں کبھی نہیں جائیں گے؟
جواب : کافر اور مشرک ہرگز جنت میں نہیں جا سکتے بلکہ یہ ہمیشہ جہنم میں رہیں گے۔

سوال : دنیا کی کون کون سی قومیں مشرک ہیں؟
جواب : ہندو جو بتوں کی عبادت کرتے ہیں اور انہیں خدا کی خدائی میں شریک سمجھتے ہیں۔ یہودی جو فرشتوں کو خدا کی بیٹیاں سمجھتے ہیں۔ عیسائی جو تین خداؤں کو مانتے ہیں اور پارسی وغیرہ یہ سب مشرک قومیں ہیں۔

سوال : کیا مسلمانوں میں بھی مشرک ہوتے ہیں؟
جواب : مسلمان مشرک نہیں ہوتے۔ مسلمان اللہ کو ایک سمجھتے ہیں اور مشرک دوسروں کو اللہ کا شریک سمجھتے ہیں۔ جس طرح ہم کسی مشرک کو مسلمان نہیں کہہ سکتے بالکل اسی طرح کسی مسلمان کو مشرک نہیں کہا جاسکتا۔

سوال : کیا کسی کافر کو کافر نہیں کہنا چاہئے؟
جواب : کافر کو کافر اور مسلمان کو مسلمان کہنا ضروری ہے۔ یہ بات بالکل غلط ہے کہ کسی کافر کو بھی کافر نہیں کہنا چاہئے۔

سوال : کسی کو فوراً بلا سوچے سمجھے کافر کہہ دینا کیسا ہے؟
جواب : کسی کو فوراً بلا سوچے سمجھے کافر کہہ دینا بہت غلط بات ہے۔ کسی کو کافر کہتے وقت انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہئے کیونکہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے فرمایا ہے کہ جو آدمی کسی دوسرے کو کافر کہے اور وہ آدمی حقیقت میں کافر نہ ہو تو اس کو کافر کہنے والا خود کافر ہو جاتا ہے۔

سوال : کافر کتنی قسم کے ہوتے ہیں؟
جواب : کافر دو قسم کے ہوتے ہیں ’’اصلی‘‘ اور ’’مرتد‘‘

سوال : اصلی کافر سے کیا مراد ہے؟
جواب : اصلی کافر وہ ہے جس نے اسلام قبول ہی نہ کیا ہو۔

سوال : مرتد سے کیا مراد ہے؟
جواب : مرتد وہ ہے جس نے اسلام قبول کیا اور بعد میں اس سے پھر گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

مَلئِکَتِہ (اللہ تعالیٰ کے فرشتے)

سوال : فرشتے کیا چیز ہوتے ہیں؟
جواب : فرشتے اللہ تعالیٰ کی ایک نوری مخلوق ہے نہ مرد ہیں نہ عورت ہیں نہ کچھ کھاتے ہیں نہ پیتے ہیں وہ کوئی گناہ نہیں کرتے۔ فرشتوں کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کر کے دنیا کے انتظام اور دوسرے خاص کاموں پر مقرر کر دیا ہے ۔ کچھ فرشتے بندوں کا اچھا برا عمل لکھنے پر مقرر ہیں۔بعض فرشتے قبر میں مردوں سے سوال و جواب کرتے ہیں۔کچھ فرشتے دنیا کے انتظامات میں لگے رہتے ہیں۔ کچھ فرشتے نبی اکرم ﷺ کے دربار میں مسلمانوں کی جانب سے درود و سلام کا ہدیہ پہنچانے پر مقرر ہیں۔اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو نور سے پیدا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عام طور پر دکھائی نہیں دیتے۔اللہ تعالیٰ نے ان کے ذمے جو جو کام لگائے ہوئے ہیں وہ ان کو ٹھیک ٹھیک کرتے رہتے ہیں۔

سوال : چار بڑے فرشتوں کے نام بتائیں۔
جواب : چار بڑے فرشتوں کے نام یہ ہیں:
(۱) حضرت جبرئیل علیہ السلام ۔
(۲) حضرت اسرافیل علیہ السلام
)۳) حضرت میکائیل علیہ السلام
﴿۴) حضرت عزرائیل علیہ السلام ۔

سوال : حضرت جبرئیل علیہ السلام کیا کام انجام دیتے ہیں؟
جواب : حضرت جبرئیل علیہ السلام ، اللہ تعالیٰ کے احکام جن کو وحی کہتے ہیں پیغمبروں کے پاس لایا کرتے تھے لیکن چونکہ ہمارے پیارے نبیﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول ہیں اس لیے آپﷺ کے بعد وحی لانے کا سلسلہ ختم ہو گیا ہے۔

سوال : حضرت اسرافیل علیہ السلام کیا کام انجام دیتے ہیں؟
جواب : حضرت اسرافیل علیہ السلام قیامت کے دن اللہ تعالی کے حکم سے صور پھونکیں گے تو اس کی آواز سے تمام مخلوق مر جائے گی۔ اس کے بعد آپ دوبارہ اللہ تعالیٰ کے حکم سے صور پھونکیں گے تو اس کی آواز سے تمام مخلوق اپنا حساب دینے کے لیے دوبارہ جی اٹھے گی۔

سوال : حضرت میکائیل علیہ السلام کیا کام انجام دیتے ہیں؟
جواب : آپ بارش برسانے اور اللہ کی مخلوق کو رزق پہنچانے کے کام پر مقرر ہیں۔

سوال : حضرت عزرائیل علیہ السلام کیا کام انجام دیتے ہیں؟
جواب : آپ اللہ تعالیٰ کے حکم سے مخلوق خدا کی جان نکالنے پر مقرر ہیں۔

سوال : جو فرشتے بندوں کے اچھے اور برے کام لکھنے پر مقرر ہیں انہیں کیا کہتے ہیں؟
جواب : جو فرشتے بندوں کے اچھے اور برے کام لکھنے پر مقرر ہیں انہیں ’’کراماً کاتبین‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : جو فرشتے قبر میں مردوں سے سوال کرنے آتے ہیں انہیں کیا کہتے ہیں؟
جواب : جو فرشتے قبر میں مردوں سے سوال کرنے آتے ہیں انہیں ’’منکر نکیر‘‘ کہتے ہیں؟

سوال : کل فرشتے کتنے ہیں؟
جواب : فرشتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جو کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو معلوم نہیں البتہ اللہ تعالی نے ہمارے پیارے نبی ﷺ کو اس کا علم عطا فرمایا ہے۔

سوال : کیا فرشتے زمین پر بھی آتے ہیں؟
جواب : جی ہاں! رسول خداﷺ کے مزار شریف پر روزانہ صبح سے شام تک ستر ہزار اور پھر شام سے صبح تک ستر ہزار فرشتے درود اور سلام پیش کرنے کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

جنات

سوال : کیا جنات بھی فرشتے ہیں؟
جواب : ’’جنات‘‘ لفظ ’’جن‘‘ کی جمع ہے۔ جنات فرشتے نہیں ہیں بلکہ یہ بھی اللہ تعالی کی ایک مخلوق ہیں جنہیں اللہ تعالی نے آگ سے پیدا کیا ہے۔ ان میں مرد اور عورتیں بھی ہوتے ہیں اور ان کی اولاد بھی ہوتی ہے۔ خدا نے انہیں یہ طاقت دی ہے کہ وہ اپنے آپ کو مختلف شکلوں میں بدل لیتے ہیں۔ جنات میں مسلمان بھی ہوتے ہیں اور کافر بھی۔ یہ نیک بھی ہوتے ہیں اور گنہ گار بھی۔(فرشتے نور سے پیدا کیے گئے ہیں اور جنات کو اللہ تعالیٰ نے آگ سے پیدا کیا ہے)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

وَکُتُبِہٖ (اللہ تعالیٰ کی کتابیں)

سوال : اللہ تعالیٰ کی کتابوں سے کیا مراد ہے؟
جواب : اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کی ہدایت اور ان کو سیدھا راستہ دکھانے کے لیے اپنے خاص خاص پیغمبروں پر اپنے احکام کے بہت سے مجموعے(کتابیں) اتاری ہیں۔ انہیں اللہ تعالیٰ کی ’’کتابیں‘‘ اور’’ صحیفے‘‘ کہا جاتا ہے۔ انہیں عام طور پر آسمانی کتابیں بھی کہا جاتا ہے۔

سوال : کتاب اور صحیفہ میں کیا فرق ہے؟
جواب : اللہ تعالیٰ کی چھوٹی بڑی بہت سی کتابیں نازل ہوئیں۔ بڑی کتاب کو ’’کتاب‘‘ اور چھوٹی کتاب کو ’’صحیفہ‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : ان کتابوں میں سے کتنی کتابیں مشہور ہوئیں؟
جواب : اللہ تعالیٰ کی کتابوں میں سے چار کتابیں بہت مشہور ہوئیں جو یہ ہیں:
۱۔ توریت
۲۔ زبور
۳۔ انجیل
۴۔ قرآن مجید

سوال : اللہ تعالی کی کتاب ’’توریت‘‘ کس پیغمبر پر اتری؟
جواب : اللہ تعالی کی کتاب ’’توریت‘‘ حضرت موسیٰ علیہ السلام پر اتری۔

سوال : اللہ تعالی کی کتاب ’’زبور‘‘ کس پیغمبر پر اتری؟
جواب : اللہ تعالی کی کتاب ’’زبور‘‘ حضرت داؤد علیہ السلام پر اتری۔

سوال : اللہ تعالی کی کتاب ’’انجیل ‘‘ کس پیغمبر پر اتری؟
جواب : اللہ تعالی کی کتاب ’’انجیل ‘‘ حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر اتری؟

سوال : اللہ تعالی کی کتاب’’ قرآن مجید ‘‘ کس پیغمبر پر اتری؟
جواب : اللہ تعالی کی کتاب’’ قرآن مجید ‘‘ ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ پر اتری۔

سوال : کیا آسمانی کتابیں آج بھی دنیا میں ملتی ہیں۔
جواب : جی ہاں آسمانی کتابیں آج بھی دنیا میں ملتی ہیں۔

سوال : کیا تمام آسمانی کتابیں اپنی اصلی حالت میں دنیا میں موجود ہیں؟
جواب : قرآن مجید کے علاوہ تمام آسمانی کتابیں اپنی اصلی حالت میں موجود نہیں ہیں لوگوں نے اپنی اپنی آسمانی کتابوں میں اپنی مرضی سے تبدیلیاں کر لی ہیں اور انہیں گھٹا بڑھا دیا ہے۔

سوال : کل کتنے صحیفے نازل ہوئے اور کن کن پیغمبروں پر نازل ہوئے؟
جواب : صحیفوں کی کل تعداد صرف اللہ تعالی کو معلوم ہے البتہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کو بھی اللہ تعالیٰ نے صحیفوں کی تعداد کا علم عطا فرمایا ہے۔

سوال : چند ایسے پیغمبروں کے نام بتاؤ جن پر صحیفے نازل ہوئے۔
جواب : کچھ صحیفے حضرت آدم علیہ السلام پر کچھ حضرت شیث علیہ السلام پر اور کچھ حضرت ابراہیم علیہ السلام پر نازل ہوئے۔ اس کے علاوہ بھی پیغمبروں پر صحیفے اترے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞

قرآن شریف

سوال : اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب کون سی ہے؟
جواب : قرآن شریف اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے ۔

سوال : قرآن مجید اللہ تعالی کی آخری کتاب کیوں ہے؟
جواب : کیونکہ یہ سب سے مکمل آسمانی کتاب ہے اور اس میں دنیا و آخرت کی ضرورت کے تمام احکام موجود ہیں اس لیے اس کے بعد کسی دوسری آسمانی کتاب کے نازل ہونے کی ضرورت نہیں رہی یہی وجہ ہے کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے اور اس کے بعد قیامت تک کوئی دوسری کتاب نازل نہیں ہوگی۔

سوال : آسمانی کتابوں میں سے سب سے افضل کتاب کون سی ہے؟
جواب : جس طرح ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ تمام نبیوں اور رسولوں سے افضل اور زیادہ مرتبے والے ہیں اسی طرح قرآن مجید بھی تمام آسمانی کتابوں سے افضل ہے۔

سوال : یہ کیسے معلوم ہوا کہ قرآن شریف اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے؟
جواب : قرآن پاک میں لکھا ہوا ہے کہ کوئی انسان اس طرح کی کتاب تو کیا اس کتاب کی ایک چھوٹی سورۃ کی طرح سورۃ بھی نہیں لکھ سکتا۔ قرآن مجید نے آج سے چودہ سو سال پہلے یہ چیلنج پوری دنیا کو دیا تھا۔ اور آج تک پوری دنیا سے کوئی انسان اس طرح کی پوری کتاب تو کیا ایک سورۃ بھی نہیں لکھ سکا۔ اس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ قرآن مجید اللہ تعالی کی کتاب ہے۔ کسی انسان کی لکھی ہوئی یا بنائی ہوئی کتاب نہیں۔

سوال : قرآن شریف کس پر نازل ہوا؟
جواب : ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ پر نازل ہوا۔

سوال : پورا قرآن مجید ایک مرتبہ اترا یا تھوڑا تھوڑا؟
جواب : قرآن مجید ایک ہی بار مکمل طور پر نہیں اترا بلکہ تھوڑا تھوڑا لوگوں کی ضرورت کے مطابق اترتا رہا۔

سوال : پورا قرآن مجید کتنے عرصے میں نازل ہوا؟
جواب : پورا قرآن مجیدتیئس (۲۳)سال میں نازل ہوا۔

سوال : قرآن مجید کیسے نازل ہوتا تھا؟
جواب : حضرت جبریل علیہ السلام قرآن مجید کی کوئی سورۃ یا آیت لے کر آتے اور حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم کے سامنے پڑھتے حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم اسے یاد کر کے لوگوں کو سناتے لوگ اسے یاد کر لیتے اور کسی چیز پر لکھ لیتے۔

سوال : قرآن شریف میں کس چیز کا بیان ہے؟
جواب : قرآن مجید میں اللہ تعالی کی عبادت کرنے ، لوگوں سے اچھا برتاؤ کرنے ، اچھی زندگی گزارنے اور دنیا و آخرت کی تمام ضرورتوں کے احکام کا بیان ہے۔ اس کے علاوہ قرآن پاک میں سابقہ امتوں،رسولوں اور نبیوں کے حالات بھی ملتے ہیں۔

سوال : یہ کتاب کس لئے نازل ہوئی؟
جواب : لوگوں کو صحیح راستہ دکھانے کے لئے نازل ہوئی تاکہ لوگ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو جانیں اور ان کی مرضی کے موافق کام کریں۔

سوال : کیا قرآن مجید میں بھی لوگوں نے دوسری آسمانی کتابوں کی طرح اپنی مرضی سے کچھ تبدیلیاں کر لی ہیں؟
جواب : ہرگز نہیں قرآن مجید اس قسم کی تبدیلیوں سے ہمیشہ محفوظ رہا اور قیامت تک محفوظ رہے گا۔قرآن مجید جیسا کہ آنحضورﷺ کے ظاہری زمانہ میں تھا آج بھی بالکل ویسا ہی ہے اور اس میں آج تک ایک حرف یا حرکت کا فرق بھی نہیں آیا۔

سوال : قرآن مجید میں فرق کیوں نہیں آیا؟
جواب : اس لیے کہ اس کی حفاظت کا خود اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا ہے۔

سوال : قرآن مجید کا کوئی معجزہ بتائیں؟
جواب : قرآن مجید کا یہ معجزہ ہے کہ چودہ سو سال پہلے نازل ہونے والی اس کتاب میں آج تک ایک حرف اور ایک حرکت تک کی تبدیلی نہیں ہوئی اور ہر دور میں لاتعداد انسانوں کو یہ کتاب حرف بحرف یاد رہی ہے آج بھی دنیا میں قرآن مجید کے لاکھوں کروڑوں حافظ موجود ہیں جنہیں قرآن مجید زبانی یاد ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

وَرُسُلِہ (اللہ تعالیٰ کے رسول اور نبی)

سوال : رسول یا نبی کون ہوتے ہیں؟
جواب : رسول اور نبی اللہ تعالیٰ کے پیارے بندے اور انسان ہوتے ہیں اللہ تعالیٰ نے ان کو انسانوں کے ہدایت کے لیے دنیا میں بھیجا ہے۔ اللہ تعالی انسانوں تک اپنا پیغام رسولوں اور نبیوں ہی کے ذریعے بھیجتا ہے سب رسول گناہوں سے پاک، امانت دار اور سچے ہوتے ہیں۔ وہ لوگوں کو اللہ کی طرف سے بتائی ہوئی غیب کی خبریں سناتے ہیں۔ ان سے معجزے ظاہر ہوتے ہیں۔ اور وہ لوگوں کو اللہ کے بتائے ہوئے راستے پر چلاتے ہیںرسولوں اور نبیوں پر فرشتے اترتے ہیں اور حضرت جبرئیل علیہ السلام رسولوں اور نبیوں کے پاس ’’وحی‘‘ لے کر آتے ہیں۔

سوال : معجزہ کسے کہتے ہیں؟
جواب : رسولوں اور نبیوں سے بعض ایسی نشانیاں ظاہر ہوتی ہیں جن سے ان کی سچائی ثابت ہوتی ہے ایسی نشانیاں عجیب و غریب ہوتی ہیں اور انسانی ذہن اور عقل سے سمجھ میں نہیں آتیں۔ ایسی نشانیوں کو معجزہ کہتے ہیں۔

سوال : ’’وحی‘‘ کسے کہتے ہیں۔
جواب : اللہ تعالی کی طرف سے حضرت جبرئیل علیہ السلام جو پیغام اور احکام رسولوں اور نبیوں کے پاس لاتے ہیں ان کو ’’وحی‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : رسول اور نبی میں کیا فرق ہے؟
جواب : رسول وہ ہوتا ہے جس پر اللہ کی کتاب اتری ہو اور وہ صاحب شریعت ہو جبکہ نبی صاحب کتاب و شریعت نہیں ہوتا بلکہ سابق رسول کی شریعت اور کتاب کی تبلیغ کرتا ہے۔

سوال : کیا فرشتے بھی نبی ہوتے ہیں؟
جواب : نہیں نبی صرف انسانوں میں سے ہوتے ہیں۔

سوال : کیا عورتیں بھی نبی ہوتی ہیں؟
جواب : نہیں نبی صرف مرد ہی ہوتے ہیں۔

سوال : نبی کتنے ہیں؟
جواب : ایک لاکھ چوبیس ہزار سے کچھ کم یا کچھ زیادہ نبی ہیں۔ ان کی درست تعداد اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔

سوال : کیا تمام رسولوں اور نبیوں پر ایمان لانا ضروری ہے؟
جواب : جی ہاں! تمام رسولوں اور نبیوں پر ایمان لانا ضروری ہے۔

سوال : سب سے پہلے نبی کون سے ہیں؟
جواب : سب سے پہلے نبی حضرت آدم علیہ السلام ہیں۔

سوال : سب سے آخری نبی کون ہیں؟
جواب : سب سے آخری نبی ہمارے پیارے پیغمبر حضرت محمد ﷺ ہیں۔

سوال : اب کوئی نبی ہوگا یا نہیں؟
جواب : ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری رسول اور نبی ہیں اب ان کے بعد قیامت تک کوئی نبی اور رسول نہیں آئے گا۔

سوال : اگر کوئی شخص ہمارے پیارے نبی ﷺ کے بعد بھی کسی نبی یا رسول کے آنے کا قائل ہو تو وہ کیسا ہے؟
جواب : اگر کوئی شخص ہمارے پیارے نبی ﷺ کے بعد بھی کسی نبی یا رسول کے آنے کا قائل ہو تو و ہ شخص دائرہ اسلام سے خارج ہے اور وہ کافر ہے۔

سوال : جب کسی نبی یا رسول کا نام لیا جائے تو ہمیں کیا کہنا چاہئے؟
جواب : جب کسی نبی یا رسول کا نام لیا جائے تو ہمیں ادب سے’’علیہ السلام ‘‘ کہنا چاہئے جس کے معنی ہیں ’’ ان پر اللہ کا سلام ہو‘‘

سوال : چند مشہور نبیوں اور رسولوں کے نام بتاؤ؟
جواب : ہمارے رسول حضرت محمدﷺ کے علاوہ چند مشہوررسولوں کے نام جو قرآن مجید میں آئے ہیں یہ ہیں:
(۱) حضرت آدم علیہ السلام
(۲)حضرت نوح علیہ السلام
(۳) حضرت ابراہیم علیہ السلام
(۴) حضرت یعقوب علیہ السلام
(۵) حضرت یوسف علیہ السلام
(۶) حضرت موسیٰ علیہ السلام
(۷) حضرت داؤد علیہ السلام
(۸)حضرت عیسیٰ علیہ السلام
(۹) حضرت لوط علیہ السلام
(۱۰) حضرت اسماعیل علیہ السلام ۔ ۔ ۔ وغیرہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ

سوال : حضرت محمد ﷺ کون ہیں۔
جواب : حضرت محمد ﷺ اللہ تعالیٰ کے نبی اور رسول ہیں۔

سوال : حضرت محمدﷺ کا مرتبہ کیا ہے؟
جواب : حضرت محمد ﷺ کا صحیح مرتبہ تو اللہ تعالی ہی جانتا ہے ہم صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ اللہ تعالی کے بعد سب سے زیادہ مرتبہ والے و ہی ہیں۔ وہ سب نبیوں اور رسولوں سے افضل ہیں ان کے مرتبہ کو کوئی نبی اور رسول نہیں پہنچتا وہ ہمارے نبی اور رسول ہیں اور ہم ان کی امت ہیں۔ان کے بعد قیامت تک کوئی نبی اور رسول نہیں آئے گا۔

سوال : ہمارے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ کہاں پیدا ہوئے؟
جواب : حضرت محمد ﷺ مکہ شریف میں پیدا ہوئے جو ملک عرب کا ایک شہر ہے ۔

سوال : ہمارے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ کس تاریخ میں پیدا ہوئے؟
جواب : حضرت محمد ﷺ ۱۲ یا ۱۳/ ربیع الاول بمطابق ۲۰/ اپریل ۵۷۱عیسوی میں پیدا ہوئے۔

سوال : حضور ﷺ کے والد ماجد کا نام بتایئے۔
جواب : حضور ﷺ کے والد ماجد کا نام حضرت عبداللہ (رضی اللہ عنہ) تھا۔

سوال : حضور ﷺ کی والدہ ماجدہ کا نام بتایئے۔
جواب : حضور ﷺ کی والدہ ماجدہ کا نام حضرت آمنہ(رضی اللہ عنہا) تھا۔

سوال : حضور ﷺ کے دادا اور نانا کا نام بتایئے۔
جواب : حضور ﷺ کے دادا کا نام حضرت’’ عبدالمطلب‘‘ اور نانا کا نام ’’وہب‘‘ تھا۔

سوال : حضور ﷺ کی عمر مبارک کتنی تھی؟
جواب : حضور ﷺ کی ظاہری عمر مبارک تریسٹھ برس تھی۔ جس میں سے ترپن برس تک آپ مکہ شریف میں رہے اور باقی دس برس مدینہ شریف میں رہے۔

سوال : حضور ﷺ نے کس تاریخ میں وصال فرمایا۔
جواب : حضور ﷺ نے۱۲/ربیع الاول۱۱ہجری مطابق ۱۲/جون۶۳۲ عیسوی میں وصال فرمایا۔

سوال : حضور ﷺ کا مزار مبارک کہاں واقع ہے؟
جواب : حضور نبی کریم ﷺ کا مزار مبارک مدینہ منورہ میں واقع ہے جو مکہ شریف سے تین سو بیس کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

سوال : یہ کیسے معلوم ہوا حضور ﷺ اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں؟
جواب : حضور ﷺ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کے دین کی طرف بلایا، معجزے دکھائے اور طرح طرح کی غیب کی ایسی باتیں لوگوں کو بتائیں جو رسولوں اور نبیوں کے سوا کوئی نہیں بتا سکتا اس سے معلوم ہوا کہ حضور ﷺ اللہ تعالیٰ کے نبی اور رسول ہیں۔

سوال : جو ہمارے پیارے نبی حضور ﷺ کو نہ مانے وہ کیا ہے؟
جواب : جو ہمارے پیارے نبی حضور ﷺ کو نہ مانے وہ کافر ہے؟

سوال : جو شخص اللہ تعالی کو تو مانے لیکن حضورﷺ کو نہ مانے وہ کیا ہے؟
جواب : جو شخص اللہ تعالی کو تو مانے لیکن حضورﷺ کو نہ مانے وہ بھی کافر ہے۔

سوال : رسول اللہ ﷺ کو ماننے کا کیا مطلب ہے۔
جواب : رسول اللہ ﷺ کو ماننے کا مطلب ہے کہ آپ کو اللہ تعالی کا بھیجا ہوا سچا نبی مانے۔ آپ کی ہر بات کو حق بات مانے اور آپ سے محبت رکھے اور آپ کی شان میں بے ادبی کا لفظ نہ بولے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞

وَالیَومِ الاٰخِر

قیامت کا دن

سوال : قیامت کسے کہتے ہیں؟
جواب : قیامت اس دن کو کہتے ہیں جس دن آسمان زمین، چاند ستارے، پہاڑ دریا غرضیکہ ہر چیز فنا ہو جائے گی حتیٰ کہ فرشتے بھی فنا ہو جائیں گے صرف اللہ تعالی کی ذات باقی رہے گی۔

سوال : قیامت کے دن ہر چیز، انسان، جاندار اور فرشتے کیسے فنا ہو جائیں گے؟
جواب : قیامت کے د ن جب اللہ تعالیٰ کے حکم سے حضرت اسرافیل علیہ السلام ’’ صور‘‘ پھونکیں گے جس کی آواز سے دنیا جہان کے تمام جاندار ہلاک ہو جائیں گے اس ’’ صور‘‘ کی آواز انتہائی ہیبت ناک ہوگی جس کو سن کر کسی جاندار کا زندہ رہنا ممکن نہیں ہوگا۔حتیٰ کے ’’صور‘‘ بھی ختم ہو جائے گا اور اسرافیل علیہ السلام اور دوسرے فرشتے بھی فنا ہو جائیں گے۔

سوال : ’’صور ‘‘ کیا چیز ہے؟
جواب : ’’صور‘‘ سینگ کی شکل کا ایک بہت بڑا بگل ہوگا۔ جس سے انتہائی خوفناک آواز نکلے گی جس کے خوف اور ہیبت سے تمام چیزیں فنا ہو جائیں گی۔

سوال : قیامت کب آئے گی؟
جواب : قیامت آنے کا ٹھیک اور درست وقت صرف اللہ تعالی کو معلوم ہے البتہ ہمارے پیارے نبی ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے اس کا علم عطا فرمایا ہے۔ ہمارے پیارے نبی ﷺ کی پیاری حدیثوں سے ہمیں صرف اتنا معلوم ہوا ہے کہ اس روز محرم کی دسویں تاریخ ہوگی اور جمعہ کا دن ہوگا۔ہمارے پیارے نبی ﷺ نے قیامت کی چند نشانیاں بھی بیان فرما دی ہیں جن سے قیامت کے قریب ہونے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

سوال : قیامت کی کچھ نشانیاں بیان کریں؟
جواب : دنیا میں گناہ بہت زیادہ ہو جائیں گے۔شرم حیا ختم ہو جائے گی۔اولاد ماں باپ کی نافرمان ہو جائے گی۔ ایمان دنیا سے جاتا رہے گا۔ بد دیانت اور بدکار لوگ قوم کے لیڈر بن جائیں گے۔ زلزلوں اور بھونچالوں سے زمین دھنسنے لگے گی۔ ایک بے ایمان شخص جس کا نام ’’دجال‘‘ ہوگا۔ لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے نکلے گا ۔ لوگ ایمان کی کمزوری کی وجہ سے اس کی باتوں کو سچ مان لیں گے اور خدا کے منکر ہو جائیں گے۔ آخر کار حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا ظہور ہوگا اور وہ دجال کو قتل کر دیں گے اور صلیب کو توڑ دیں گے جب یہ نشانیاں ظاہر ہوں تو سمجھو قیامت قریب آگئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

وَالقَدرِخَیرِہٖ وَشَرِّہٖ مِنَ اللّٰہِ تَعَالیٰ
اچھائی اور برائی کا اندازہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے

سوال : اچھائی اور برائی کا اندازہ کیا ہے؟
جواب : ہر چیز کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے ۔خواہ اچھائی ہو یا برائی اللہ تعالی کو ہر چیز کا علم ہے اللہ تعالیٰ کے اس علم کو اچھائی اور برائی کا اندازہ یا’’ تقدیر‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : تقدیر کے بارے میں آپ اور کیا جانتے ہیں؟
جواب : اللہ تعالی کو علم ہے کہ اس کا فلان بندہ کس وقت پیدا ہوگا اور کب مرے گا۔ وہ کس وقت اچھا کام کرے گا اور کب برا کام کرے گا۔ اللہ تعالی نے اپنے اس علم کو لکھ دیا ہے اسی علم کو تقدیر کہتے ہیں۔

سوال : اللہ تعالیٰ نے انسان کو اچھائی اور برائی کے متعلق بتایا ہے یا نہیں؟
جواب : اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو اپنے رسولوں اور نبیوں کے ذریعے اچھائی اور برائی کے متعلق بتا دیا ہے۔ انہیں اچھائی اور برائی کی تمیز دیکر اچھے اور برے کاموں کے نتائج سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔

سوال : کیا انسان اپنی مرضی سے اچھے یا برے کام کرنے میں آزاد ہیں؟
جواب : اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو اچھائی اور برائی کی تمیز دی، اور ان کے نتائج سے بھی آگاہ کر دیا۔ پھر انہیں اس بات کا اختیار دے دیا ہے کہ وہ چاہیں تو اچھے کام کریں اور چاہیں تو برے۔ لیکن وہ جیسے کام کریں گے اس کے مطابق انہیں سزا یا جزا ملے گی۔

سوال : کیا جو کچھ اللہ تعالیٰ نے ہماری تقدیر میں لکھ دیا ہے ہمیں مجبوراً ویسا ہی کرنا پڑتا ہے؟
جواب : نہیں اللہ تعالیٰ کے لکھ دینے سے ہم مجبور نہیں ہو جاتے بلکہ اللہ تعالی کو چونکہ ہر چیز کا علم ہے اس لیے اللہ تعالی نے تقدیر میں وہی لکھا ہے جو ہم کرتے ہیں ۔ ایسا ہرگز نہیں ہے کہ جو اللہ نے لکھ دیا ہم وہی کرنے پر مجبور ہیں بلکہ ایسا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے وہی لکھا ہے جو ہم کرتے ہیں یا کریں گے۔

سوال : کیا تقدیر جو لکھی جا چکی ہے بدل سکتی ہے؟
جواب : جی ہاں!

سوال : کیسے بدل سکتی ہے؟

جواب : ہمارے پیارے نبیﷺ نے بتایا ہے کہ دعا تقدیر کو بدل دیتی ہے۔

سوال : کن لوگوں کی دعا سے تقدیر بدل جاتی ہے؟
جواب : والدین اور اللہ تعالی کے پیارے بندوں کی دعا تقدیر کو بدل دیتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

وَالبَعثِ بَعدَ المَوت موت کے بعد زندگی

سوال : مرنے کے بعد زندہ ہونے سے کیا مراد ہے؟
جواب : قیامت کے دن جب تمام جاندار ، زمین آسمان، فرشتے اور ہر چیز فنا ہو جائے گی تو اس کے بعد جب اللہ تعالی چاہے گا تو حضرت اسرافیل علیہ السلام کو دوبارہ زندہ فرمائے گا و ہ دوبارہ ’’صور ‘‘ پھونکیں گے تو سب چیزیں دوبارہ موجود ہو جائیں گی اور انسان اور فرشتے وغیرہ سب زندہ ہو جائیں گے۔ مردے اپنی اپنی قبروں سے اٹھ کھڑے ہونگے پھر حشر کے میدان میں اللہ تعالیٰ کے سامنے پیشی ہوگی حساب کتاب ہوگا اور ہر ایک کو اس کے اعمال کے مطابق بدلہ دیا جائے گا۔ جن لوگوں نے دنیا میں اچھے کام کیے ہونگے ان کو جنت ملے گی اور جنہوں نے برے کام کیے ہونگے ان کو دوزخ میں بھیج دیا جائے گا۔

سوال : کیا موت کے بعد جو زندگی ملے گی اس کے بعد پھر موت ہوگی؟
جواب : نہیں، اس کے بعد ہمیشہ کی زندگی ہے پھر کبھی موت نہیں آئے گی۔ کیونکہ موت کو بھی فنا کر دیا جائے گا۔

سوال : جنت کیا ہے؟
جواب : جنت ایک ایسی خوبصورت جگہ ہے جس کا دنیا میں تصور بھی محال ہے وہاں پر اللہ تعالی نے اپنے نیک بندوں کے لیے ہر طرح کی نعمتیں جمع کر رکھی ہیں وہاں عالی شان محلات ہیں۔ دودھ اور شہد کی نہریں ہیں۔ ہرقسم کے لذیذ میووں کے درخت اور باغات ہیں۔اس دنیا میں جوگ لوگ اچھے اعمال کریں گے اللہ تعالیٰ آخرت میں ان کو جنت میں رکھے گا۔ جہاں پر انہیں ہر قسم کی آسائشیں حاصل ہونگی انہیں سونے اور چاندی کے بنے ہوئے خوبصورت محلات میں جگہ دی جائے گی۔ جنت میں لوگ کھائیں پئیں گے لیکن ہر قسم کی گندگی مثلاً پاخانہ، پیشاب، تھوک، بلغم وغیرہ سے پاک ہونگے۔

سوال : دوزخ کیا ہے؟
جواب : دوزخ ایک ایسا مقام ہے جس میں کافروں مشرکوں ،بد مذہبوں اور گنہ گار مسلمانوں کو عذاب دیا جائے گا۔
دوزخ میں ہر طرح کی تکلیف دینے والے طرح طرح کے عذاب اللہ تعالیٰ نے پیدا کیے ہیں جن کے خیال ہی سے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ دوزخ کی آگ کا عذاب ہے، زمہریر کی سخت سردی کا عذاب ہے، سانپوں بچھوؤں اور دوسرے زہریلے جانوروں کا عذاب ہے۔ دوزخ کی آگ کا رنگ بالکل سیاہ ہے اور وہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔وہاں کافروں، مشرکوں، بد مذہبوں اور گنہ گار مسلمانوں کو جلایا جائے گا۔

سوال : کیا کافر اور مشرک کبھی دوزخ کے عذاب سے نجات پا سکیں گے؟
جواب : کافر اور مشرک کبھی بھی دوزخ کے عذاب سے نجات نہیں پا سکیں گے اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے اس عذاب میں مبتلا رہیں گے ۔

سوال : کیا گنہ گار مسلمان بھی ہمیشہ کے لیے عذاب میں مبتلا رہیں گے؟
جواب : نہیں، مسلمان چاہے کتنا ہی گنہ گار کیوں نہ ہو ایک نہ ایک دن اس کو دوزخ کے عذاب سے نجات مل جائے گی۔ چاہے وہ اپنے گناہوں کی سزا پاکر جنت میں جائے، چاہے اللہ تعالی اس کو اپنے فضل و کرم سے بخش دے۔ چاہے اللہ کے پیارے رسول حضرت محمد ﷺ کی شفاعت کرنے پر اسے دوزخ سے نجات مل جائے۔ اس کے بعد وہ جنت میں چلا جائے گا اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے وہاں رہے گا۔

سوال : جنت اور دوزخ کو نہ ماننے والا اور انکا انکار کرنے والا کیسا ہے۔
جواب : جنت اور دوزخ کو نہ مانے والا کافر ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

(حصہ سوم)

کتاب الاعمال

وہ بنیادی اعمال جنہیں ارکان اسلام کہا جاتا ہے
اور جن پر ہر مسلمان کے لیے عمل کرنا ضروری ہے

ارکان اسلام

سوال : ارکان اسلام کسے کہتے ہیں؟
جواب : ارکان اسلام ان بنیادی اعمال کو کہتے ہیں جو ہر مسلمان پر فرض ہیں؟

سوال : بنیادی ارکان اسلام کتنے ہیں؟
جواب : بنیادی ارکان اسلام پانچ ہیں۔

سوال : پانچ ارکان اسلام کیا ہیں؟
جواب : پانچ ارکان اسلام یہ ہیں:

۱ (کلمہ)کلمۂ شہادت کا زبان سے اقرار کرنا اور دل سے اسے سچا ماننا)

۲نماز (روزانہ پانچ وقت کی نماز پڑھنا)

۳زکوٰۃ (سال بعد مقررہ نصاب کے مطابق زکوٰۃ دینا)

۴روزہ (رمضان کے مہینہ کے روزے رکھنا)

۵ حج (اللہ کے گھر کا حج کرنا)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

کلمہ شہادت کا بیان

سوال : کلمۂ شہادت کیا ہے؟
جواب : کلمۂ شہادت یہ ہے:
’’ اَشھَدُ اَن لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحدَہُ لَا شَرِیکَ لَہُ وَ اَشہَدُ اَنَّ مُحَمَّد اعَبدُہ وَ رَسُولُہٗ۔‘‘

سوال : کلمہ شہات کے معنی کیا ہیں؟
جواب : کلمۂ شہادت کے معنی ہیں:
’’میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالی کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ (حضرت) محمد(مصطفی ﷺ ) اللہ تعالی کے (پیارے) بندے اور اس کے رسول ہیں۔‘‘

سوال : اگر کوئی شخص زبان سے کلمہ شہادت پڑھتا ہے اور دل سے اس پر یقین نہیں کرتا تو ایسا شخص مسلمان ہے یا نہیں؟
جواب : اگر کوئی شخص زبان سے کلمہ شہادت پڑھتا ہے اور دل سے اس پر یقین نہیں کرتا تو ایسا شخص ہر گزمسلمان نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

نماز کا بیان

سوال : انسان کس لئے پیدا کیا گیا ہے؟
جواب : اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لئے۔

سوال : مسلمان اللہ تعالیٰ کی عبادت کیسے کرتے ہیں؟
جواب : نماز پڑھتے ہیں روزے رکھتے ہیں اور مالدار مال کی مقررہ نصاب کے مطابق زکوٰۃ دیتے ہیں اور حج ادا کرتے ہیں۔

سوال : عبادتوں میں سب سے افضل عبادت کون سی ہے؟
جواب : سب سے افضل عبادت نماز ہے۔

سوال : نماز کیا چیز ہے؟
جواب : نماز اللہ تعالیٰ کی عبادت ہے جو ایک خاص طریقے سے ادا کی جاتی ہے کہ بندہ اللہ تعالی کے حضور دست بستہ کھڑے ہو کر،رکوع میں جھک کر اور پھر سجدہ میں پیشانی زمین پر رکھ کر اس کی عظمت و بڑائی بیان کرتا ہے۔ اور حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھجتا ہے۔

سوال : رات اور دن میں کل کتنی نمازیں پڑھی جاتی ہیں؟
جواب : رات اور دن میں پانچ نمازیں پڑھی جاتی ہیں۔

سوال : ان پانچ نمازوں کے نام کیا ہیں؟
جواب : فجر۔ ظہر۔ عصر۔ مغرب۔ عشاء

سوال : فجر کی نماز کب پڑھی جاتی ہے؟
جواب : صبح اجالا ہونے کے بعد سورج نکلنے سے پہلے پڑھی جاتی ہے۔

سوال : ظہر کی نماز کب پڑھی جاتی ہے؟
جواب : ظہر کی نماز دوپہر کو سورج ڈھلنے کے بعد پڑھی جاتی ہے۔

سوال : عصر کی نماز کب پڑھی جاتی ہے؟
جواب : سورج ڈوبنے سے گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ پہلے پڑھی جاتی ہے۔

سوال : مغرب کی نماز کب پڑھی جاتی ہے؟
جواب : مغرب کی نماز سورج ڈوبنے کے فورا ً بعد پڑھی جاتی ہے۔

سوال : عشاء کی نماز کب پڑھی جاتی ہے؟
جواب : مغرب کے ڈیڑھ دو گھنٹہ بعد عشاء کی نماز پڑھی جاتی ہے۔

سوال : اکیلے نماز پڑھنے والے کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : اکیلے نماز پڑھنے والے کو’’ منفرد‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : جو نماز سب لوگ مل کر پڑھتے ہیں اسے کیا کہتے ہیں؟
جواب : جو نماز سب لوگ مل کر پڑھتے ہیںاسے جماعت کی نماز کہتے ہیں۔

سوال : نماز پڑھانے والے کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : نماز پڑھانے والے کو امام کہتے ہیں۔

سوال : جو لوگ پیچھے رہتے ہیں انھیں کیا کہتے ہیں؟
جواب : جو لوگ پیچھے رہتے ہیں انھیں مقتدی کہتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

شرائط نماز

سوال : نماز شروع کرنے سے پہلے کن چیزوں کی ضرورت ہے؟
جواب : نماز شروع کرنے سے پہلے سات باتوں کی ضرورت ہے۔

سوال : وہ سات باتیں کیا ہیں جن کی نماز شروع کرنے سے پہلے ضرورت ہے؟
جواب : وہ سات باتیں یہ ہیں:
(۱) بدن کا پاک ہونا
(۲) کپڑوں کا پاک ہونا
(۳)نماز کی جگہ کا پاک ہونا
(۴)ستر عورت یعنی پردہ والے اعضا کا چھُپا ہونا
(۵) نماز کا وقت ہونا
(۶) قبلہ رو ہونا
(۷) نماز کی نیت کرنا۔

سوال : بدن پاک ہونے کا کیا مطلب ہے؟
جواب : اس کا مطلب یہ ہے کہ بدن ہر قسم کی نجاست اور گندگی سے پاک ہو۔

سوال : بدن کیسے پاک ہوتا ہے؟
جواب : بدن وضو یا غسل سے پاک ہوتا ہے۔

سوال : کپڑے پاک ہونے کا کیا مطلب ہے؟
جواب : اس کا مطلب یہ ہے کہ نماز پڑھنے والے کے بدن پر جو کپڑے ہوں ان پر کسی قسم کی گندگی یا نجاست نہ لگی ہوئی ہو؟ اور اگر لگی ہوئی ہو تو اس کو دھوکر دور کرلینا ضروری ہے۔ اس طرح کپڑے پاک ہو جاتے ہیں۔

سوال : نماز کی جگہ پاک ہونے کا مطلب کیا ہے؟
جواب : نماز کی جگہ پاک ہونے کا مطلب یہ ہے کہ نماز پڑھنے والا نماز ایسی جگہ پر پڑھے کہ اس کے دونوں قدموں، دونوں گھٹنوں، دونوں ہاتھوں اور سجدہ کرنے والی جگہ ہر قسم کی نجاست اور گندگی سے پاک ہو۔

سوال : ’’ سترعورت‘‘ سے کیا مراد ہے؟
جواب : ’’سترعورت‘‘ کا یہ مطلب ہے کہ انسانی جسم کے جن اعضاء کو چھپانے کا حکم ہے نماز پڑھتے ہوئے ان کو چھپانا لازمی ہے۔

سوال : مرد اپنے جسم کا کتنا حصہ چھپا کر رکھے؟
جواب : اگر مرد کے پاس مناسب لباس نہ بھی ہو تو اسے کم از کم ناف سے لے کر گھٹنے تک کا جسم چھپانا چاہئے۔ اور تنگی نہ ہو تو پورا لباس پہننا چاہیئے۔

سوال : عورتوں کو نماز کے لیے بدن کا کتنا حصہ چھپانا چاہیئے؟
جواب : عورتوں کو چاہیے کہ وہ ٹخنوں کے نچلے حصہ تک پاؤں،دونوں ہتھیلیوں اور منہ کے علاوہ تمام بدن کو ڈھانک کر رکھیں۔

سوال : نماز کے لیے وقت شرط ہونے کا کیا مطلب ہے؟
جواب : نماز کے لیے وقت شرط ہونے کا مطلب ہے کہ جس نماز کے لیے جو وقت مقرر ہے وہ اسی وقت پر پڑھی جائے اگر وقت سے پہلے یا بعد میں پڑھی گئی تو نماز نہیں ہوگی۔

سوال : قبلہ رو ہونے کا کیا مطلب ہے؟
جواب : اس کا مطلب ہے کہ نماز پڑھتے وقت نمازی کا رخ قبلہ یعنی خانہ کعبہ کی طرف ہو۔ ورنہ نماز نہیں ہوگی۔

سوال : قبلہ کس سمت میں واقع ہے؟
جواب : قبلہ ہمارے ملک پاکستان کی مغرب کی جانب ہے یعنی ہمیں نماز پڑھنے کے لیے مغرب کی جانب منہ کرنا چاہئے۔

سوال : نماز کی ساتویں شرط ’’نیت‘‘ سے کیا مراد ہے؟
جواب : نیت سے مراد ہے کہ نماز شروع کرتے وقت دل میں واضح ارادہ ہو کہ فلاں وقت کی فلاں نماز پڑھتا ہوں۔ مثلاً اگر فجر کی فرض نماز پڑھتا ہو تو دل میں یہ ارادہ کرے کہ ’’ فجر کی فرض نماز پڑھتا ہوں‘‘ اور اگر سنت پڑھتا ہو تو دل میں ارادہ کرے کہ ’’فجر کی سنت نماز پڑھتا ہوں‘‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

نجاست کا بیان

سوال : نجاست کسے کہتے ہیں؟
جواب : نجاست گندگی یا ناپاکی کو کہتے ہیں۔

سوال : نجاست کی کتنی قسمیں ہیں؟
جواب : نجاست دو طرح کی ہوتی ہے:
۱۔ نجاست حکمیہ
۲۔ نجاست حقیقیہ۔

سوال : نجاست حکمیہ کسے کہتے ہیں؟
جواب : نجاست حکمیہ اسے کہتے ہیں جو بظاہر نظر نہ آئے لیکن بدن ناپاک ہو۔ جیسے حَدَثِ اکبر اور حَدَثِ اصغر۔

سوال : حَدَثِ اکبر کسے کہتے ہیں؟
جواب : حَدَثِ اکبر ناپاکی کی ایسی حالت کو کہتے ہیں جب انسان پر غسل واجب ہو جائے۔

سوال : حَدَثِ اصغر کسے کہتے ہیں؟
جواب : حَدَثِ اصغر ایسی حالت کو کہتے ہیں جب انسان پر وضو کرنا لازم ہو جائے۔

سوال : نجاست حقیقیہ کسے کہتے ہیں۔
جواب : نجاست حقیقیہ وہ نجاست ہے جو دیکھنے میں آئے یعنی پیشاب، پاخانہ وغیرہ۔

سوال : نجاست حقیقیہ کی کتنی قسمیں ہیں؟
جواب : نجاست حقیقیہ کی دو قسمیں ہیں:
(۱)نجاست غلیظہ
(۲) نجاست خفیفہ

سوال : نجاست غلیظہ کیا ہے؟
جواب : نجاست غلیظہ وہ ہے جس کا حکم سخت ہے اور اگر کپڑے یا بدن پر ایک درہم سے زیادہ مقدار میں لگ جائے تو اس کا پاک کرنا فرض ہے اور اگر درہم کے برابر ہے تو اس کا پاک کرنا واجب ہے اور اگر درہم سے کم ہے تو اس کا پاک کرنا سنت ہے مثلاًانسان کا پیشاب، پاخانہ، بہتا خون، پیپ، منہ بھر کر قے، دکھتی آنکھ کا پانی، گوبر ، لید شراب،سور کا گوشت وغیرہ۔

سوال : نجاست خفیفہ کیا ہے؟
جواب : نجاست خفیفہ وہ ہے جس کا حکم سخت نہیں اور وہ بدن یا کپڑے کے جس حصہ پر لگ جائے اگر اس کی چوتھائی سے کم ہے تو معاف ہے اور اگر چوتھائی ہے تو دھونا واجب ہے اور اگر چوتھائی سے زیادہ ہے تو اس کا دھونا فرض ہے۔ مثلاً حلال جانوروں کا اور گھوڑے کا پیشاب اور حرام پرندوں کی بیٹ وغیرہ۔

سوال : نجاست حقیقیہ سے بدن یا کپڑے کو پاک کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

جواب : اگر نجاست پتلی ہو تو تین مرتبہ اچھی طرح دھوکر اپنی قوت بھر اس طرح نچوڑنا کہ اس کے بعد اس سے کوئی قطرہ نہ ٹپکے۔ اگر نجاست گاڑھی ہو تو اس کو دور کرنا ضروری ہے چاہے تین بار سے زیادہ مرتبہ دھونا پڑے۔

سوال : نجاست حکمیہ حَدَثِ اصغر سے بدن کو کیسے پاک کیا جاتا ہے۔
جواب : نجاست حکمیہ حَدَثِ اصغر سے بدن کو وضو کے ذریعہ پاک کیا جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

استنجاء کا بیان

سوال : استنجاء کسے کہتے ہیں؟
جواب : پیشاب یا پاخانہ کرنے کے بعد جو نجاست بدن پر لگی رہتی ہے اس کو دور کرنے اور دھو لینے کو استنجاء کہتے ہیں۔

سوال : استنجاء کس ہاتھ سے کرنا چاہیے؟
جواب : استنجا بائیں ہاتھ سے کرنا چاہیے دائیں ہاتھ سے استنجاء کرنا مکروہ ہے۔

سوال : استنجا کن چیزوں سے کرنا چاہیے؟
جواب : استنجاء پانی سے کیا جاتا ہے، مٹی کے پاک ڈھیلوں یا پتھر سے بھی کیا جا سکتا ہے لیکن پتھر یا ڈھیلوں کے استعمال کے بعد پانی سے استنجا کرنا بہتر ہے۔

نوٹ : اگر پانی موجود ہو تو پانی ہی سے استنجا کرنا چاہیئے۔

سوال : استنجاء کن چیزوں سے مکروہ ہے؟
جواب : کوئلہ، کاغذ، کپڑا، ہڈی، لید، گوبر اور کھانے کی چیزوں سے استنجاء کرنا مکروہ ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

وضو کا بیان

سوال : وضو کسے کہتے ہیں؟
جواب : نماز پڑھنے کے پہلے جو ہاتھ منہ دھویا جاتا ہے اس کو’’ وضو‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : کیا بغیر وضو کے نماز ہو جاتی ہے؟
جواب : وضو کے بغیر نماز نہیں ہوتی۔

سوال : وضو کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : وضو کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے بسم اللہ پڑھیں پھر ہاتھ دھو کر مسواک کریں اگر نہ ہو تو انگلی کی مددسے دانت مل لیں ۔پھر دونوں ہاتھوں کو کلائی تک تین بار دھولیں پھر داہنے ہاتھ سے تین بار کلی کریں پھر داہنے ہاتھ سے تین بار ناک میں پانی چڑھائیں اور بائیں ہاتھ کی انگلی سے ناک صاف کریں۔ اب پورا چہرہ دھولیں پیشانی پر بال اگنے کی جگہ سے ٹھوڑی کے نیچے تک اور ایک کان کی لو سے دوسرے کان کی لو تک ہر حصے پر تین بار پانی بہائیں اس کے بعد دونوں ہاتھ کہنیوں کے اوپر تک تین بار دھولیں انگلیوں کی طرف سے کہنیوں کے اوپر تک پانی ڈالیں کہنیوں کی طرف سے مت ڈالیں پھر ایک بار دونوں ہاتھوں سے سر کا مسح کریں پھر کانوں کا اور گردن کا ایک ایک بارمسح کریں پھر پاؤں ٹخنوں سمیت تین بار دھولیں۔

سوال : دھونے کا کیا مطلب ہے؟
جواب : دھونے کا مطلب یہ ہے کہ جس چیز کو دھوئیں اس کے ہر حصے پر سے پانی بہہ جائے۔

سوال : اگر کچھ حصہ بھیگ گیا مگر اس پر سے پانی نہیں بہا تو کیا وضو ہو گا یا نہیں؟
جواب : اس طرح وضو ہر گز نہیں ہو گا بھیگ جانے کے ساتھ ہر حصے پر سے پانی کا بہہ جانا ضروری ہے۔

سوال : وضو میں کتنی چیزیں فرض ہیں؟
جواب : وضو میں چار چیزیں فرض ہیں:
(۱)پورے منہ کا دھونا یعنی پیشانی کے بالوں سے لے کر تھوڑی کے نیچے تک اور ایک کان کی لو سے دوسرے کان کی لو تک۔
(۲)دونوں ہاتھوں کو کہنیوں سمیت دھونا۔
(۳) چوتھائی سر کا مسح کرنا۔
(۴)دونوں پاؤں ٹخنوں سمیت دھونا۔

سوال : وضو میں کتنی چیزیں سنت ہیں؟
جواب : وضو میں تیرہ چیزیں سنت ہیں:
(۱) نیت کرنا
(۲) بسم اللہ پڑھنا
(۳) تین دفعہ دونوں ہاتھ کلائیوں تک دھونا
(۴) دانتوں کو صاف کرنا یامسواک کرنا
(۵)تین بار کلی کرنا
(۶) تین بار ناک میں پانی چڑھانا۔
(۷) ڈاڑھی کا خلال کرنا
(۸)ہاتھ پاؤں کی انگلیوں میں تین بار خلال کرنا
(۹) ہر عضو کو تین بار دھونا
(۱۰) ایک بار تمام سر کا مسح کرنا
(۱۱) دونوں کانوں کا مسح کرنا
(۱۲)ترتیب قرآنی سے وضو کرنا یعنی جس ترتیب سے قرآن میں اعضاء کا بیان آیا اسی ترتیب سے اعضا کو دھونا
(۱۳) اعضاء کا پے در پے دھونا یعنی ابھی ایک عضو خشک نہ ہونے پایا ہو اور دوسرا عضو دھو لیا جائے۔

سوال : وضو کی نیت کے الفاظ کیا ہیں؟
جواب : وضو کی نیت کے الفاظ یہ ہیں:
’’نَوَیتُ اَن تَوضَّؤَ لِرَفَعَ الحَدَث وَلِِاِستَبَاحَۃِ الصَّلوٰۃ‘‘

سوال : قرآن پاک میں وضو کے اعضا کو کس ترتیب سے بیان کیا گیا ہے؟
جواب : قرآن پاک میں وضو کے اعضاء کو اس ترتیب سے بیان کیا گیا ہے:
(۱) چہرہ یعنی منہ
(۲)ہاتھ اور بازو کہنیوں سمیت۔
(۳)سر کا مسح
(۴) پاؤ ں ٹخنوں سمیت۔

سوال : وضو میں مستحب کتنے ہیں؟
جواب : وضو میں چار چیزیں مستحب ہیں:
(۱)گردن کا مسح کرنا۔
(۲)وضو خود اپنے ہاتھ سے کرنا۔
(۳)قبلہ کی طرف منہ کر کے بیٹھنا۔
(۴)پاک اور اونچی جگہ بیٹھ کر وضو کرنا۔

سوال : وضو میں کتنی چیزیں مکروہ ہیں؟
جواب : وضو میں اکیس(۲۱) چیزیں مکروہ ہیں:
(۱)ناپاک جگہ پر وضو کرنا۔
(۲)وضو کا پانی ناپاک جگہ پر گرانا۔
(۳)مسجد کے اندر وضو کرنا۔
(۴)وضو کرتے ہوئے اعضا سے وضو والے برتن کے اندر پانی کے قطرے ٹپکانا۔
(۵)وضو کے پانی میں بلغم ، تھوک یا کھنگار ڈالنا۔
(۶)قبلہ کی جانب تھوک یا کھنگار ڈالنا یا کلی پھینکنا۔
(۷)بے ضرورت دنیا کی باتیں کرنا۔
(۸)ضرورت سے زیادہ پانی خرچ کرنا۔
(۹)پانی اسقدر کم خرچ کرنا کہ سنت صحیح طور پر ادا نہ ہو۔
(۱۰) منہ پر زور سے پانی مارنا۔
(۱۱) منہ پر پانی ڈالتے وقت پھونکیں مارنا۔
(۱۲) صرف ایک ہاتھ سے منہ دھونا۔
(۱۳) گلے کا مسح کرنا۔
(۱۴)بائیں ہاتھ سے کلی کرنا۔
(۱۵) وضو میں سیدھے ہاتھ سے ناک صاف کرنا۔
(۱۶) اپنے وضو کے لیے کوئی لوٹا یا برتن خاص کر لینا۔
(۱۷) تین نئے پانیوں سے تین بار سر کا مسح کرنا۔
(۱۸) جس کپڑے سے استنجا کا پانی خشک کیا ہو اس سے وضو کے اعضا کو خشک کرنا۔
(۱۹) دھوپ پر گرم کیے ہوئے پانی سے وضو کرنا۔
(۲۰) کسی سنت کو چھوڑ دینا۔

سوال : وضو کن چیزوں سے ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : وضو تیرہ(۱۳)چیزوں سے ٹوٹ جاتا ہے۔
(۱) پیشاب کرنا۔
(۲) پاخانہ کرنا۔
(۳) پیشاب اور پاخانہ کے مقام سے کسی اور چیز کا نکلنا۔
(۴) ریح یا ہوا کا خارج ہونا۔
(۵) بدن کے کسی مقام سے خون یا پیپ کا بہہ جانا۔
(۶) منہ بھر کے قے کرنا۔
(۷) غفلت سے سو جانا۔
(۸) بیہوشی طاری ہو جانا۔
(۹)غشی طاری ہونا۔
(۱۰)مجنون ہونا ، پاگل پن کا دورہ پڑنا یا دیوانہ ہو جانا۔
(۱۱) رکوع اور سجدہ والی نماز میں قہقہہ مار کر ہنسنا۔
(۱۲) کسی چیز کا اتنا نشہ ہو جانا کہ چلتے ہوئے پاؤں لڑکھڑانے لگیں۔
(۱۳)دکھتی آنکھ سے آنسو بہنا۔

سوال : کیا سو جانے سے رسول خدا ﷺ کا وضو بھی ٹوٹ جاتا تھا۔
جواب : نہیں! سرکار دو عالمﷺ کی نیند ہم لوگوں جیسی نہ تھی ان کی آنکھیں تو بند رہتیں لیکن ان کا دل بیدار رہتا۔ اس لیئے انہیں اپنے جیسا انسان نہیں سمجھنا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

غسل کا بیان

سوال : حَدَثِ اکبر سے بدن کو کیسے پاک کیا جاتا ہے؟
جواب : حَدَثِ اکبر سے بدن کو غسل کے ذریعہ پاک کیا جاتا ہے۔

سوال : غسل کسے کہتے ہیں؟
جواب : غسل نہانے کو غسل کہتے ہیں۔

سوال : غسل کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : غسل کرنے کا شرعی طریقہ یہ ہے:
(۱)پہلے غسل کی نیت کریں
(۲)پھر دونوں ہاتھوں کو کلائی تک تین بار دھو لیں
(۳) پھر استنجا کے مقام کو اچھی طرح دھو لیں
(۴) اس کے بعد بدن پر اگر کہیں نجاست یعنی پیشاب، پاخانہ یا کوئی اور گندگی لگی ہو تو اس کو دھو لیں
(۵ ) پھر نماز کے وضو کی طرح وضو کر لیں
(۶) اس کے بعد تمام بدن کو پانی سے تیل کی طرح چپڑ لیں۔
(۷) اس کے بعد تین مرتبہ دائیں کندھے پر پانی بہائیں۔
(۷) پھرتین مرتبہ بائیں کندھے پر پانی بہائیں۔
(۸)اس کے بعد سر اور تمام بدن پر تین مرتبہ پانی بہائیں۔
(۹) تمام بدن کو خوب اچھی طرح ملیں اور پانی بہائیں اس طرح کہ بدن کا کوئی حصہ رہ نہ جائے۔
(۱۰) اس کے بعد بدن کو خشک کر کے فوراً کپڑے پہن لیں۔

سوال : غسل میں کتنی باتیں فرض ہیں؟
جواب : غسل میں تین باتیں فرض ہیں:
(۱) کلی اور غرارہ کرنا لیکن اگر روزہ سے ہے تو غرارہ نہ کرے
(۲) ناک میں پانی ڈالنا۔
(۳) تمام بدن پر اسطرح پانی بہانا کہ بدن کا بال برابر حصہ بھی سوکھا نہ رہ جائے۔

سوال : غسل میں کتنی باتیں سنت ہیں؟
جواب : غسل میں یہ باتیں سنت ہیں:
(۱) غسل کی نیت کرنا یا نا پاکی دور کرنے کی نیت کرنا۔ (۲) دونوں ہاتھ کلائی تک تین بار دھو نا۔
• استنجا کے مقام کو دھونا۔
• (۴) بدن پر لگی نجاست کو دھونا۔
• (۵) نماز جیساوضو کرنا۔
• (۶) بدن کو پانی سے تیل کی طرح چپڑنا۔
• (۷) پہلے دائیں کندھے پھر بائیں کندھے پھر سر اور پھر تمام بدن پر پر پانی بہانا۔
• (۸) تمام بدن کو خوب اچھی طر ح ملنا اور پانی بہا نا۔
• (۹) بدن کو خشک کر کے فوراً کپڑے پہن لینا۔
• (۱۰) نہاتے وقت قبلہ رو نہ ہونا۔
• (۱۱) ایسی جگہ نہانا جہاں کوئی نہ دیکھے۔
• (۱۲) نہاتے وقت کسی قسم کا کلام نہ کرنا۔
• (۱۴) نہاتے وقت کوئی دعا نہ پڑھنا۔
• (۱۵) تہبند باندھ کر نہانا
• (۱۴) عورتوں کے لیے بیٹھ کر نہانا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

تیمم کا بیان

سوال : تیمم کسے کہتے ہیں؟
جواب : پاک مٹی یا مٹی کی قسم کی دوسری پاک چیزوں مثلا ریت پتھر وغیرہ کے ساتھ بدن کو نجاست حکمیہ (یعنی ایسی نجاست جو بظاہر نظر نہ آتی ہو) سے پاک کرنے کو تیمم کہتے ہیں۔

سوال : تیمم کب کیا جاتا ہے؟
جواب : تیمم صرف اس وقت کیا جاتا ہے جب وضو یا غسل کے لیے پانی دستیاب نہ ہو۔

سوال : اگر پانی موجود ہو لیکن انسان مریض ہو اور پانی کا استعمال مرض کے لیے نقصان دہ ہو تو کیا ایسی صورت میں تیمم کیا جا سکتا ہے۔
جواب : ہاں اگر پانی کے استعمال سے مرض بڑھ جانے کا اندیشہ ہو یا کسی مرض کے پیدا ہو جانے کا اندیشہ ہو تو ایسی صورت میں بھی تیمم کیا جا سکتا ہے۔

سوال : کیا قرآن پاک میں تیمم کا ذکر ہے؟
جواب : جی ہاں قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ’’جب تم لوگوں کو پانی نہ ملے تو پاک مٹی سے تیمم کرو‘‘۔

سوال : تیمم میں کتنے فرض ہیں؟
جواب : تیمم میں تین فرض ہیں:
(۱) نیت کرنا۔ (۲) دونوں ہاتھ مٹی پر مار کر منہ پر پھیرنا۔(۳)دونوں ہاتھ مٹی پر مار کر دونوں ہاتھوں کو کہنیوں سمیت ملنا۔

سوال : تیمم کی نیت کس طرح کرنا چاہیے؟
جواب : نیت کے معنی ارادہ کرنے کے ہیں جب تیمم کرنے لگے تو یہ ارادہ کرلے کہ ناپاکی کو دور کرنے اور پاکی حاصل کرنے کے لیے تیمم کرتا ہوں۔ بس یہ ارادہ ہی تیمم کی نیت ہے۔

سوال : کیا نیت کا زبان سے کہنا ضروری ہے؟
جواب : نیت کا زبان سے کہنا ضروری نہیں البتہ کہہ لے تو بہتر ہے۔

سوال : اگر زبان سے نیت کی جائے تو کیا کہنا چاہیے؟
جواب : اگر زبان سے نیت کرے تو کہے
’’نَوَیتُ اَن تَیَمَّمَ لِرَفَعَ الحَدَثِ وَلِِاِستَبَاحَۃ الصَّلوٰۃ‘‘

سوال : تیمم کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : تیمم کرنے کا طریقہ یہ ہے:
(۱) پہلے تیمم کی نیت کریں۔
(۲) پھر دونوں ہاتھ مٹی پر مار کر پورے منہ پر پھیریں ۔
(۳) اس کے بعد پھر دونوں ہاتھ مٹی پر مار کر دائیں ہاتھ کو بائیں سے اور بائیں ہاتھ کو دائیں ہاتھ سے کہنیوں سمیت اس طرح ملیں کہ کوئی جگہ رہ نہ جائے۔

سوال : کیا تیمم میں سر کا مسح کیا جاتا ہے؟
جواب : نہیں تیمم میں سر کا مسح نہیں کیا جاتا۔

سوال : کیا تیمم میں پاؤں کو بھی ملا جاتا ہے؟
جواب : نہیں تیمم میں پاؤں کو نہیں ملا جاتا۔

سوال : کیا وضو اور غسل دونوں کے لیے تیمم کیا جا سکتا ہے؟
جواب : جی ہاں وضو اور غسل دونوں کے لیے تیمم کیا جا سکتا ہے۔

سوال : کیا وضو اور غسل کے تیمم میں فرق ہے؟
جواب : نہیں وضو اور غسل کے تیمم میں کوئی فرق نہیں دونوں کا تیمم ایک جیسا ہے۔

سوال : تیمم کن چیزوں سے کیا جا سکتا ہے؟
جواب : پاک مٹی، پاک غبار، ریت، پتھر، چونا،کچے پکے برتن، کچی پکی اینٹوں اور مٹی ، اینٹ یا پتھر کی دیوار وغیرہ سے تیمم کیا جا سکتا ہے۔

سوال : تیمم کن چیزوں سے نہیں کیا جا سکتا؟
جواب : قاعدہ یہ ہے کہ جو چیزیں آگ میں جل کر پگھل جائیں مثلاً لوہا ، تانبہ، پیتل وغیرہ تمام دھاتیں اور جو چیزیں آگ میں جل کر راکھ ہو جائیں مثلاً روئی، کپڑا، ہر قسم کا غلہ وغیرہ ان سے تیمم نہیں کیا جا سکتا ۔

سوال : جن چیزوں پر تیمم جائز نہیں ان پر اگر غبار یعنی گرد موجود ہو تو تو تیمم جائز ہے یا نہیں؟
جواب : جائز ہے بشرطیکہ غبار یا گرد اسقدر ہو کہ ہاتھ مارنے سے ظاہر ہو۔

سوال : تیمم کن چیزوں سے ٹوٹتا ہے؟
جواب : جن چیزوں سے وضو ٹوٹتا ہے ان سے تیمم بھی ٹوٹ جاتا ہے۔ ان کے علاوہ جب پانی دستیاب ہو جائے تو اور اسے استعمال کرنے پر قدرت حاصل ہو جائے تو بھی تیمم ٹوٹ جاتا ہے۔ یا اگر کسی مریض نے مرض کی وجہ سے تیمم کیا تھا لیکن مرض ختم ہو گیا تو بھی تیمم ٹوٹ جائے گا۔

سوال : غسل کا تیمم کب ٹوٹتا ہے؟
جواب : غسل کا تیمم بھی ہر اس چیز سے ٹوٹ جاتا ہے جس سے وضو ٹوٹتا ہے۔

سوال : جب پانی دستیاب ہو جائے اور انسان اس کے استعمال پر قادر ہو لیکن وہ حالت نماز میں ہو تو کیا تیمم ٹوٹ جاتا؟
جواب : جب پانی دستیاب ہو جائے اور انسان اس کے استعمال پر قادر ہو تو تیمم ٹوٹ جاتا ہے چاہے وہ حالت نماز میں ہی کیوں نہ ہو۔لہٰذا نماز توڑ کر وضو یا غسل کرکے دوبارہ نماز پڑھنا چاہیئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

اذان

سوال : نماز کے وقت جو ایک آدمی کھڑا ہو کر پکارتا ہے اس کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : اسے اذان کہتے ہیں۔

سوال : اذان کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : اذان کا طریقہ یہ ہے کہ وضو کر کے کسی اونچی جگہ پر قبلہ رخ ہو کر دونو ہاتھوں کی کلمہ کی انگلیوں کو دونوں کانوں میں ڈالے پھر بلند آواز سے ان الفاظ کو کہے۔
اللّٰہُ اَکبَر : اللہ بہت بڑا ہے (چار مرتبہ)
اَشھَدُ اَن لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ : میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں(دو مرتبہ)
اَشھَدُ اَنَّ مُحَمَّدً ارَّسُولُ اللّٰہِ :’’میں گواہی دیتا ہوں کہ محمدﷺ اللہ کے رسول ہیں‘‘(دو مرتبہ)
حَیَّ عَلَی الصَّلوٰۃ : آؤ نماز کے لیے (دو مرتبہ)
حَیَّ عَلَی الفَلَا ح : آؤ کامیابی کی طرف (دو مرتبہ)
اللّٰہُ اَکبَر : اللہ سب سے بڑا ہے (دو مرتبہ)
لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ : اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں (ایک مرتبہ)
فجر کی اذان میں حَیَّ عَلَی الفَلَاح کے بعد
اَلصَّلوٰۃُ خَیرُٗمِّنَ النَّو مِ : نماز نیند سے بہتر ہے۔ (دو بار کہے۔)

سوال : اذان کے بعد کی دعا کیا ہے؟
جواب : اذان کے بعد کی دعا یہ ہے اسیی دعائے وسیلہ کہتے ہیں اس دعا سے پہلے درود شریف ضرور پڑھ لینا چاہیے۔
اَللّھُمَّ رَبَّ ھٰذِہٖ الدَّعوَۃِ التَّا مَّۃِ وَ الصَّلوٰۃِ القَا ئِمَۃِ اٰتِ سَیِّدَ نَا مُحَمَّدَن الوَسِیلَۃَ وَالفَضِلَۃَ وَالدَّرَجَۃَ الرَّ فِیعَۃَ وَابعَثہُ مَقَامًا مَّحمُودَنِ الَّذِی وَ عَدتَّہُ وَارزُقنَا شَفَا عَتَہُ یَو مَ القِیَا مَۃِ انَّکَ لَا تُخلِفُ المِیعَادَ۔

سوال : اذان کے بعد کی دعا کا ترجمہ کیا ہے؟
جواب : اذان کے بعد کی دعا کا ترجمہ یہ ہے:’’اے دعوت کامل اور پابندی سے پڑھی جانے والی نماز کے رب تو ہمارے سردار محمد ﷺ کو مقام وسیلہ، فضیلت اور بلند درجہ عطا فرما اور انہیں اس مقام محمود پر فائز فرما جس کا تو نے ان سے وعدہ فرمایا ہے۔ اور قیامت کے دن ہمیں ان کی شفاعت سے بہرہ مند فرما۔ بے شک تو اپنے وعدہ کے خلاف نہیں کرتا۔‘‘

سوال : اذان کے کچھ دیر بعد پھر بلند آواز سے پکارتے ہیں اسے کیا کہتے ہیں؟
جواب : اسے تثویب اور صلاۃ کہتے ہیں۔

سوال : اس کے الفاظ کیا ہیں؟
جواب : اس کے لئے شرع نے کوئی الفاظ مقرر نہیں کئے ہیں کوئی بھی مناسب الفاظ کہہ سکتے ہیں آج کل عام طور سے یہ الفاظ کہے جاتے ہیں۔
اَلصَّلوٰۃُ وَ السَّلَامُ عَلَیکَ یَا رَسُولَ اللّٰہِ
اَلصَّلوٰۃُ وَ السَّلَامُ عَلَیکَ یَا نَبِیَّ اللَّہ
اَلصَّلوٰۃُ وَ السَّلَامُ عَلَیکَ یَاحَبِیبَ اللَّہ

سوال : کیا تثویب او ر صلاۃ پڑھنا ضروری ہے
جواب : ضروری نہیں ہے لیکن پڑھ لینا اچھا ہے۔

سوال : نماز شروع ہوتے وقت ایک آدمی جو آواز بلند سے پڑھتا ہے اسے کیا کہتے ہیں؟
جواب : تکبیر کہتے ہیں۔

سوال : تکبیر کے الفاظ کیا ہیں؟
جواب : تکبیر کے الفاظ وہی ہیں جو اذان کے الفاظ ہیں۔فرق صرف اتنا ہے کہ :
حَیَّ عَلَی الفَلَا ح کے بعد دو بار قَدقَامَتِ الصَّلوۃ زیادہ کر دیا جاتا ہے۔

سوال : اذان کہنے والے کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : اذان کہنے والے کو موذّن کہتے ہیں۔

سوال : تکبیر کہنے والے کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : تکبیر کہنے والے کو مُکَبِّر کہتے ہیں؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

نماز کی تسبیحیں

سوال : نماز کی تسبیحیں کیا ہیں؟
جواب : نماز کی تسبیحیں وہ مقدس کلمات ہیں جنہیں ہم نماز کے دوران پڑھتے ہیں ان کے بغیر نماز نہیں ہوتی اس لیے ان کو زبانی یاد کر لینا بہت ضروری ہے۔ ہر مسلمان کو ان مقدس کلمات کے معنی بھی معلوم ہونا چاہئیں تاکہ اسے یہ پتہ ہو کہ ہم اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہوئے جب اپنے اللہ کے سامنے حاضر ہوتے ہیں تو کیا کیا کہتے ہیں۔

سوال : نماز کی تسبیحوں کے نام کیا ہیں؟
جواب : نماز کی تسبیحوں کے نام یہ ہیں:
(۱) تکبیر تحریمہ
(۲) ثنا
(۳) تعوذ
(۴) تسمیہ
(۵) فاتحہ
(۶) آمین
(۷)تلاوت قرآن۔
(۸) رکوع کی تسبیح
(۹) تسمیع
(۱۰) تحمید
(۱۱) سجدہ کی تسبیح
(۱۲) تشہد
(۱۳) درود و سلام
(۱۴) دعا
(۱۵) سلام
(۱۶) نماز کے بعد کی دعا
(۱۷) دعائے قنوت

سوال : تکبیر تحریمہ کسے کہتے ہیں؟
جواب : تکبیر تحریمہ یہ ہے : اللّٰہُ اَکبَر

سوال : تکبیر تحریمہ کا طریقہ کیا ہے۔
جواب : تکبیر تحریمہ کا طریقہ یہ ہے کہ نماز کی نیت کرنے کے بعد دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھا کر ’’اللہ اکبر‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : ثناء کسے کہتے ہیں؟
جواب : ثنا یہ ہے:
سُبحٰنَکَ اللَّھُمَّ وَ بِحَمدِکَ وَتَبَارَکَ اسمُکَ وَ تَعَالیٰ جَدُّکَ وَلاَ اِلٰہَ غَیرُکَ۔

سوال : ثنا کے معنی کیا ہیں؟
جواب : ثنأ کے معنی ہیں: ’’ اے اللہ تو تمام برائیوں سے پاک ہے اور ہم تیری حمد بیان کرتے ہیں۔ تیرا نام بڑی برکت والا ہے اور تیری بزرگی بڑی ہے اور تیرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں‘‘۔

سوال : ثنأ کب پڑھتے ہیں؟
جواب : ثنأ قیام کی حالت میں پڑھتے ہیں۔

سوال : تعوذ کیا ہے؟
جواب : تعوذ یہ ہے۔ اَعُوذُ باللّٰہِ مِنَ الشَّیطٰنِ الرَّجِیم ۔

سوال : تعوذ کے معنی کیا ہیں۔
جواب : تعوذ کے معنی ہیں: ’’میں پناہ مانگتا ہوں اللہ کی شیطان مردود سے‘‘

سوال : نماز میں تعوذ کب پڑھتے ہیں؟
جواب : نماز میں قیام کی حالت میں ثنأ کے بعد تعوذ پڑھتے ہیں۔

سوال : تسمیہ کیا ہے؟
جواب : تسمیہ یہ ہے: بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِِ الرَّ حِیم

سوال : تسمیہ کے معنی کیا ہیں؟
جواب : تسمیہ کے معنی ہیں: ’’ میں اللہ تعالیٰ کے نام سے شروع کرتا ہوں جو بڑا مہربان اور نہایت رحم کرنے والا ہے۔‘‘

سوال : نماز میں تسمیہ کب پڑھتے ہیں؟
جواب : نماز میں قیام کی حالت میں ثنا اور تعوذ کے بعد تسمیہ پڑھتے ہیں۔

سوال : فاتحہ کیا ہے؟
جواب : قرآن مجید کی پہلی سورت کا نام فاتحہ ہے۔

سوال : سورۂ فاتحہ سنائیں۔
جواب : سورۂ فاتحہ یہ ہے:
اَلحَمدُ لِلّٰہِ رَبِّ العٰلَمِینَ الرَّ حمٰنِ الرَّحیمِ مٰلِکِ یَومِ الّدِینِ اِیَّاکَ نَعبُدُ وَ اِیَّا کَ نَستَعِینُ اِھدِ نَا الصّرَاطَ المُستَقِیمَ صِرَاطَ الَّذِ ینَ اَنعَمتََ عَلَیھِم غیرِِ المَغضُوبِِ عَلَیھِم وَلَا الضَّا لَّینَ۔

سوال : سورہ فاتحہ کا ترجمہ سنائیں؟
جواب : سورۂ فاتحہ کا ترجمہ یہ ہے:’’تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لئے ہیںجو تمام جہانوں کا پالنے والا ہے۔ بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے۔روز جزا کا مالک ہے۔ اے اللہ ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں۔ ہم کو سیدھے راستے پر چلا۔ ان لوگوں کے راستے پر جن پر تو نے اپنا انعام فرمایا ہے نہ ان لوگوں کے راستے پر جن پر تو نے اپنا غضب نازل کیا اور نہ گمراہ لوگوں کے راستے پر‘‘۔
نوٹ : سورہ فاتحہ کے بعد آہستہ سے ’’ آمین‘‘ کہنا چاہیئے۔

سوال : نماز میں سورۂ فاتحہ کب پڑھتے ہیں؟
جواب : نماز میں قیام کی حالت میں ثناء، تعوذ اور تسمیہ کے بعد سورہ فاتحہ پڑھتے ہیں۔

سوال : تلاوت قرآن کیا ہے؟
جواب : ہر نماز میں سورۂ فاتحہ کے بعد قرآن مجید کا کچھ حصہ یا کوئی بھی چھوٹی مکمل سورت پڑھتے ہیں اسے تلاوت قرآن کہتے ہیں۔
نوٹ : کتاب کے آخر میں دس چھوٹی سورتیں دی گئی ہیں ان کو ہر بچہ ترجمہ کے ساتھ یاد کرے جو کہ نماز میں تلاوت قرآن مجید کے لیے ضروری ہیں۔

سوال : رکوع کی تسبیح کیا ہے؟
جواب : رکوع کی تسبیح: سُبحَانَ رَبِّیَ العَظِیم۔

سوال : رکوع کی تسبیح کے معنی کیا ہیں؟
جواب : رکوع کی تسبیح کے معنی ہیں: ’’میرا پروردگار سب برائیوں سے پاک ہے‘‘

سوال : رکوع کی تسبیح کب پڑھتے ہیں؟
جواب : رکوع کی تسبیح، رکوع کی حالت میں پڑھتے ہیں۔

سوال : تسمیع کیا ہے؟
جواب : تسمیع یہ ہے : سَمِعَ اللّٰہُ لِمَن حَمِدَہ۔

سوال : تسمیع کے معنی کیا ہیں؟
جواب : تسمیع کے معنی ہیں: ’’اللہ نے اس کی بات سنی جس نے اس کی حمد بیان کی‘‘

سوال : تسمیع کب پڑھتے ہیں؟
جواب : یہ تسبیح رکوع سے کھڑے ہوتے ہوئے پڑھتے ہیں؟

سوال : تحمید کیا ہے؟
جواب : تحمید یہ ہے: رَبَّنَاَ لَکَ الحَمدُ۔

سوال : تحمید کے معنی کیا ہیں؟
جواب : تحمید کے معنی ہیں: ’’اے پروردگار تمام تعریف تیرے لیے ہے‘‘

سوال : تحمید کب پڑھتے ہیں؟
جواب : رکوع سے کھڑے ہو کر تسمیع کے بعد ایک بار تحمید پڑھتے ہیں۔

سوال : سجدے کی تسبیح کیا ہے؟
جواب : سجدہ کی تسبیح یہ ہے: سُبحَانَ رَبِّیَ الاَ علیٰ۔

سوال : سجدہ کی تسبیح کے معنی کیا ہیں؟
جواب : سجدہ کی تسبیح کے معنی ہیں: ’’ میرا رب سب برائیوں سے پاک اور بڑا عالیشان ہے۔‘‘

سوال : سجدہ کی تسبیح کب پڑھتے ہیں؟
جواب : سجدہ کی تسبیح حالت سجدہ میں پڑھتے ہیں؟

سوال : تشہد کیا ہے؟
جواب : دو رکعت کے بعد بیٹھ کر جو تسبیح پڑھے ہیں اسے تشہد کہتے ہیں۔

سوال : تشہد کے الفاظ کیا ہیں؟
جواب : تشہد یہ ہے:
اَلتَّحِیَّاتُ لِلّٰہِ وَ الصَّلَوَاتُ وَ الطَّیِّبٰتُ اَلسَّلَامُ عَلَیکَ اَیُّھَا النَّبِیُّ وَ رَحمَۃُ اللّٰہِ وَ بَرَکاَتُہٗ اَلسَّلَامُ عَلَینَا وَ عَلیٰ عِبَادِ اللّٰہِ الصَّالِحِینَ اَشھَدُ اَن لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اَشھَدُ اَنَّ مُحَمَّدًاعَبدُہٗ وَ رَسُولُہٗ۔

سوال : تشہد کے معنی کیا ہیں؟
جواب : تشہد کے معنی ہیں: ’’تمام زبانی، بدنی اور مالی عبادتیں اللہ ہی کے لیے ہیں۔ سلام ہو اے نبی آپ پر اور اللہ کی رحمتیں اور برکتیں۔ سلامتی ہو ہم پر اور اللہ کے نیک بندوں پر۔ میں گواہی دیتا ہو ںکہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمدﷺ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔‘‘

سوال : درود شریف کیا ہے؟
جواب : درود شریف یہ ہے :
اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلیٰ سَیِّدِ نَا مُحَمَّدٍ وّ عَلیٰ اٰلِ سَیِّدِ نَا مُحَمَّدٍ کَمَاصَلَّیتّ عَلیٰ سَیِّدِ نَا اِبرَاھِیمَ وَّ عَلیٰ اَلِ سَیِّدِ نَا اِبرَاھِیم اِنَّکَ حَمِیدٌ مَّجِیدٌ۔ اَللّٰہُمَّ بَارِک عَلیٰ سَیِّدِ نَا مُحَمَّدٍ وّ عَلیٰ اٰلِ سَیِّدِ نَا مُحَمَّدٍ کَمَا بَارِکتَ عَلیٰ سَیِّدِ نَا اِبرَاھِیمَ وَّ عَلیٰ اَلِ سَیِّدِ نَا اِبرَاھِیم اِنَّکَ حَمِیدٌ مَّجِیدٌ۔

سوال : درود شریف کے معنی کیا ہیں؟
جواب : درود شریف کے معنی ہیں: ’’اے اللہ! رحمت بھیج حضرت محمدﷺ پر اور حضرت محمدﷺ کی آل پر جس طرح تو نے رحمت بھیجی حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی آل پر بے شک تو تعریف کا مستحق اور بڑی بزرگی والا ہے۔’’اے اللہ! برکت بھیج حضرت محمدﷺ پر اور حضرت محمدﷺ کی آل پر جس طرح تو نے برکت بھیجی حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی آل پر بے شک تو تعریف کا مستحق اور بڑی بزرگی والا ہے۔

سوال : نماز میں درود شریف کب پڑھا جاتا ہے؟
جواب : نماز میں درود شریف قعدہ کی حالت میں تشہد کے بعد پڑھا جاتا ہے۔

سوال : نماز میں درود شریف کے بعد کی دعا کیا ہے؟
جواب : نماز میں درود شریف کے بعد کی دعا یہ ہے:
اَللّٰھُمَّ رَبَّنَآ اٰتِنَا فِی الدُّنیَا حَسَنَۃً وَّ فِی الاٰخِرَۃِ حَسَنَۃ وَّ قِنَا عَذَابً النَّارِ۔

سوال : اس دعا کے معنی کیا ہیں؟
جواب : اس دعا کے معنی ہیں: ’’ اے پروردگار ہمیں دنیا میں اور آخرت میں نیکی عطا فرما اور ہمیں آگ کے عذاب سے محفوظ رکھ‘‘۔

سوال : کیا درود شریف کے بعد کوئی اور دعا بھی پڑھی جا سکتی ہے؟
جواب : جی ہاں! قرآن مجید میں بہت سی دعائیں آئی ہیں۔ درود شریف کے بعد ان میں سے کوئی بھی دعا پڑھی جا سکتی ہے۔

سوال : سلام کیا ہے؟
جواب : سلام یہ ہے: ’’ اَلسَّلَامُ عَلَیکُم وَرَحمَۃُ اللّٰہِ‘‘

سوال : سلام کے معنی کیا ہیں؟
جواب : سلام کے معنی ہیں: ’’تم پر سلامتی ہو اور اللہ کی رحمت ہو‘‘۔

سوال : نماز میں سلام کب پڑھتے ہیں؟
جواب : نماز میں قعدہ کی حالت میں تشہد، درود شریف اور دعا کے بعد پہلے دائیں طرف منہ کر کے سلام پڑھتے ہیں پھر بائیں طرف منہ کر کے سلام پڑھتے ہیں۔

سوال : نماز کے بعد کی دعا کیا ہے۔
جواب : نماز کے بعد کی دعا یہ ہے:

اَللّٰھُمَّ اَنتَ السَّلَامُ وَ مِنکَ السَّلَامُ وَ اِلَیکَ یَرجِعُ السَّلَامُ حَیِّنَا رَبَّنَا بِالسَّلَامِ وَ اَدخِلنَا دَارَالسَّلَامِ وَ تَبَارَکتَ رَبَّنَا وَ تَعَالَیتَ یَا ذَالجَلَالِ وَالاِکرَامِ۔

سوال : اس دعا کے معنی کیا ہیں؟
جواب : اس دعا کے معنی ہیں: ’’اے اللہ تیرا نام سلام ہے اور تجھ ہی سے سلامتی ہے۔ اور سلامتی تیری ہی طرف لوٹتی ہے۔ اے ہمارے رب ہمیں سلامتی کے ساتھ زندہ رکھ اور ہمیں سلامتی کے گھر(جنت) میں داخل فرما اے ہمارے رب تو بڑی برکت ، بزرگی اور عزت وجلال والا ہے۔‘‘

سوال : دعائے قنوت کیا ہے؟
جواب : دعائے قنوت یہ ہے:
اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَستَعِینُکَ وَ نَستَغفِرُ کَ وَ نَؤ مِنُ بِکَ وَنَتَوَ کَّلُ عَلَیکَ وَ نُثنِی عَلَیکَ الخَیرَ وَ نَشکُرُکَ وَلَا نَکفُرُکَ وَنَخلَعُ وَ نَترُکُ مَن یَّفجُرُکَ ط اَللّٰھُمَّ اِیَّاکَ نَعبُدُ وَ لَکَ نُصَلِّی وَ نَسجُدُ وَ اِلَیکَ نَسعٰی وَ نَحفِدُ وَ نَرجُوا رَحمَتَکَ وَ نَخشیٰ عَذَابَکَ اِنّ عَذَابَکَ بِا لکُفَّارِ مُلحِقٌ۔

سوال : دعائے قنوت کا ترجمہ کیا ہے؟
جواب : دعائے قنوت کا ترجمہ ہے: ’’اے اللہ ہم تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں اور تجھ پر ایمان لائے ہیں۔ اور ہم تجھ پر بھروسہ کرتے ہیں اور تیری اچھی تعریف کرتے ہین اور تیرے شکر گزار ہیں۔ ہم تیری ناشکری نہیں کرتے۔ اور تیرے نافرمانوں سے الگ ہو کر انہیں چھوڑ دیتے ہیں۔اور اے اللہ ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تیری ہی نماز پڑھتے ہیں۔ تجھی کو سجدہ کرتے ہیں اور تیری ہی طرف دوڑتے ہیں۔ تیری ہی رحمت کے امیدوار ہیں اور تیرے عذاب سے ڈرتے ہیں۔ بے شک تیرا عذاب کافروں کو ملنے والا ہے۔‘‘

سوال : دعائے قنوت کونسی نماز میں اور کب پڑھی جاتی ہے؟
جواب : دعائے قنوت عشاء کی نماز میں جب تین رکعت ’’وتر‘‘ پڑھتے ہیں تو اس کی آخری رکعت میں سورہ فاتحہ اور تلاوت قرآن کے بعد کانوں تک ہاتھ اٹھا کر پھر باندھتے ہیں اور یہ دعا پڑھتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

نماز کی مختلف حالتیں

سوال : نماز میں کھڑے ہونے کی حالت کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : نماز میں کھڑے ہونے کی حالت کو ’’قیام‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : نماز میں جھکنے کی حالت کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : نماز میں جھکنے کی حالت کو ’’رکوع‘‘ کہتے ہیں؟
سوال : نماز میں رکوع کے بعد کھڑے ہونے کی حالت کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : نماز میں رکوع کے بعد کھڑے ہونے کی حالت کو ’’قومہ ‘‘ کہتے ہیں۔

سوال : نماز میں ماتھا زمیں پر ٹیکنے کی حالت کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : نماز میں ماتھا زمیں پر ٹیکنے کی حالت کو’’سجدہ‘‘ کہتے ہیں؟

سوال : دونوں سجدوں کی درمیان بیٹھے کی حالت کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : دونوں سجدوں کی درمیان بیٹھے کی حالت کو’’جلسہ‘‘کہتے ہیں؟

سوال : نماز میں دو رکعتوں کے بعد بیٹھنے کی حالت کو کیا کہتے ہیں؟
جواب : نماز میں دو رکعتوں کے بعد بیٹھنے کی حالت کو ’’قعدہ‘‘ کہتے ہیں؟

سوال : ’’قعدۂ اولیٰ‘‘ اور’’ قعدۂ اخریٰ‘‘ کسے کہتے ہیں۔
جواب : تین یا چار رکعتوں والی نماز میں دو رکعت کے بعد بیٹھنے کی حالت کو ’’قعدۂ اولیٰ‘‘ اور باقی ایک یا دو رکعتوں کو مکمل کرنے کے بعد آخری قعدہ میں بیٹھنے کو ’’قعدۂ اخریٰ‘‘ کہتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

ارکان نماز

سوال : ارکان نماز کسے کہتے ہیں؟
جواب : ارکان جمع ہے رکن کی اور رکن کے معنی ہیں ’’کسی چیز کا ضروری حصہ‘‘ اس طرح ارکان نماز کے معنی ہوئے ’’ نماز کے ضروری حصے‘‘ ارکان نماز کو ’’ فرائض نماز‘‘ بھی کہتے ہیں۔

سوال : ارکان نماز کون سے ہیں؟
جواب : ارکان نماز یہ ہیں: (۱) تکبیر تحریمہ (۲) قیام (۳) قرأت (۴) رکوع (۵) سجود (یعنی سجدے) (۶) قعدۂ اخریٰ

سوال : ان ارکان نماز میں سے اگر کوئی رکن رہ جائے تو کیا نماز ہو جائے گی؟
جواب : ارکان نماز میں سے کوئی رکن رہ جائے تو نماز نہیں ہوتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

واجبات نماز

سوال : واجبات نماز سے کیا مراد ہے؟
جواب : واجب کے معنی ہیں ’’ضروری‘‘ مراد ہے ان چیزوں سے جن کا نماز میں ادا کرنا ضروری ہے اور اگر ان میں سے کوئی چیز رہ جائے تو اس کے ازالہ کے لیے’’سجدہ سہو‘‘ کرنا پڑے گا۔ اور اگر سجدہ سہو نہ کیا تو نماز کو دھرانا پڑے گا۔

سوال : واجبات نماز کیا ہیں؟
جواب : واجبات نماز یہ ہیں:
(۱) تکبیر تحریمہ میں لفظ ’’ اللہ اکبر‘‘ کہنا۔
(۲) سورہ فاتحہ پڑھنا
(۳)قرأت ( فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں اور واجب، سنت، نفل نمازوں کی تمام رکعتوں میں ایک چھوٹی سورت یا ایک بڑی آیت یا تین چھوٹی آیتوں کی تلاوت کرنا
(۴) فرض۔ نمازوں کی پہلی دو رکعتوں میں قرأت کرنا
(۵) سورہ فاتحہ کو قرأت سے پہلے پڑھنا
(۶) قرأت سے فارغ ہوتے ہی رکوع کرنا
(۷) ایک سجدہ کے بعد دوسرا سجدہ کرنا
(۸) رکوع ، سجود، قومہ اور جلسہ وغیرہ میں کم از کم اتنی دیر ٹھہرنا کہ ایک بار ’’ سبحان اللہ‘‘ کہا جا سکے
(۹) قومہ یعنی رکوع کے بعد سیدھا کھڑا ہونا
(۱۰)جلسہ یعنی دوسجدوں کے درمیان سیدھا بیٹھنا
(۱۱) قعدہ اولی میں تشہد کی مقدار بیٹھنا
(۱۲)دونوں قعدوں میں پورا تشہد پڑھنا
(۱۳) لفظ السلام دو بار کہنا
(۱۴) وتر میں دعائے قنوت پڑھنا اور تکبیر قنوت کہنا
(۱۵) عیدوں کی نماز میں چھ تکبیریں زائد کہنا۔ اس میں دوسری رکعت کی تکبیر، رکوع اور تکبیر کے لیے لفظ اللہ اکبر ہونا بھی واجب ہے
(۱۶) ہر جہری نماز میں امام کو آواز سے قرأت کرنا اور غیر جہری نماز میں آہستہ قرأت کرنا
(۱۷) امام کی قرأت کے وقت مقتدی کا خاموش رہنا
(۱۸) قرأت کے سوا تمام واجبات میں امام کی پیروی کرنا
(۱۹) آیت سجدہ پر سجدہ کرنا
(۲۰)نماز میں سہو ہو جائے تو سجدہ سہو کرنا
(۲۱) ہر واجب و فرض کا اپنے مقام پر ہونا
(۲۲) رکوع کا ہر رکعت میں ایک ہی بار ہونا
(۲۳) سجود کا ہر رکعت میں دو بار ہی ہونا
(۲۴)فرض، وتر اور سنت موکدہ میں قعدہ اولی میں صرف تشہد پڑھنا
(۲۵) دو رکعتوں سے پہلے قعدہ نہ کرنا
(۲۶) دو فرض یا دو واجب یا واجب و فرض کے درمیاں تین تسبیح کی مقدار وقفہ نہ ہونا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

سنن نماز

سوال : سنن نماز سے کیا مراد ہے؟
جواب : سنن جمع ہے سنت کی اور سنن نماز وہ چیزیں ہیں جو کہ رسول اللہﷺ سے ثابت ہیں انکی تاکید فرض اور واجب کے برا بر نہیں اسی لیے اگر نماز کی سنتوں میں سے کوئی ایک چھوٹ جائے تو نماز ہو جاتی ہے اور سجدۂ سہو واجب نہیں ہوتا۔ مگر جان بوجھ کر کسی سنت کو چھوڑ دینا بہت بری بات ہے اور کسی سنت کی توہین کرنا سخت گناہ بلکہ کفر ہے۔

سوال : نماز میں کون کون سی باتیں سنت ہیں؟
جواب : نماز میں مندرجہ ذیل باتیں سنت ہیں:
(۱) تکبیر تحریمہ کے لیے ہاتھ اٹھانا
(۲) ہاتھوں کی انگلیاں فطری طور پر کشادہ رکھنا اور ہتھیلیوں کو قبلہ رخ رکھنا
(۳) بوقت تکبیر سر نہ جھکانا
(۴) ہاتھوں کو تکبیر کہنے سے پہلے اٹھانا اسی طرح تکبیر قنوت اور تکبیرات عیدین میں کانوں تک ہاتھ لے جانے کے بعد تکبیر کہنا ۔
(۵) امام کا بقدر حاجت بلند آواز میں تکبیرات ، تسمیع اور سلام کہنا۔
(۶) تکبیر کے فوراً بعد ہاتھوں کو ناف کے نیچے باندھ لینا۔
(۷) ثنا پڑھنا
(۸) تعوذ و تسمیہ پڑھنا ۔
(۹) سورۂ فاتحہ کے اختتام پر آمین کہنا۔
(۱۰) رکوع میں کم از کم تین بار ’’رکوع کی تسبیح‘‘ پڑھنا
(۱۱) رکوع میں گھٹنوں کو ہاتھوں سے پکڑنا اور انگلیاں کشادہ رکھنا۔
(۱۲) رکوع سے اٹھتے ہوئے امام کے لیے تسمیع پڑھنا اور مقتدی کے لیے ’’تحمید‘‘ پڑھنا اور منفرد کے لیے تسمیع و تحمید دونوں پڑھنا
(۱۳) رکوع میں سر اور پیٹھ کو ایک سیدھ میں رکھنا۔
(۱۴) سجدہ کے لیے اور سجدہ سے اٹھنے کے لیے اللہ اکبر کہنا۔
(۱۵) سجدہ میں جاتے وقت زمین پر پہلے گھٹنے رکھنا، پھر ہاتھ رکھنا، پھر پھر ناک اور پھر پیشانی۔ سجدہ سے اٹھتے وقت پہلے پیشانی اٹھانا پھر ناک پھر ہاتھ اور پھر گھٹنے اٹھانا۔
(۱۶) سجدہ میں کم از کم تین بار سجدہ کی تسبیح پڑھنا
(۱۷) سجدہ اس طرح کرنا کہ بازو کروٹوں سے جدا ہو پیٹ رانوں سے اور کلائیاں زمیں سے جدا ہوں۔ مگر جب صف میں نماز پڑھی جا رہی ہو تو بازو کروٹوں سے جدا نہ ہوں گے۔ عورتوں کے لیے اپنے بازو کروٹوں سے، پیٹ رانوں سے، رانیں پنڈلیوں سے اور کلائیاں اور پنڈلیاں زمین سے پیوست رکھنا
(۱۸) دونوں سجدوں کے درمیان جلسہ میں ایسے بیٹھنا جیسے تشہد کے لیے بیٹھتے ہیں یعنی دایاں پاؤں کھڑا رکھنا اور بایاں پاؤں بچھانا اور دونوں ہاتھوں کا رانوں پر رکھنا۔
(۱۹) سجدہ کی حالت میں ہاتھوں کی انگلیاں ملی ہوئی اور قبلہ رو رکھنا۔ اور دونوں پاؤں کی دسوں انگلیوں کا قبلہ رو ہونا
(۲۰) قعدہ کے لیے بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھنا اور دایاں پاؤں کھڑا رکھنا اور ہاتھوں کی انگلیوں کو قدرتی حالت میں رکھ کر دونوں ہاتھ رانوں پر رکھنا۔
(۲۱) کلمہ شہادت پر داہنے ہاتھ کی انگلی اٹھا کر اشارہ کرنا اس طرح کی چھوٹی انگلی اور اس کے ساتھ والی انگلی کو بند کرے درمیان والی انگلی اور انگوٹھے سے حلقہ بنائے اور شہادت کی انگلی کلمہ ’’لا‘‘ پر اٹھا اور کلمہ ’’الا‘‘ پر رکھ دے اور باقی انگلیوں کو سیدھا کر لے۔
(۲۲)قعدہ اخریٰ میں تشہد کے بعد درود شریف او دعائیں پڑھنا۔ نفل نمازوں میں قعدہ اولیٰ میں بھی درود شریف پڑھنا
(۲۳) پہلے دائیں طرف اور پھر بائیں طرف سلام پھیرنا
(۲۴) السلام علیکم ورحمتہ اللہ دوبار کہنا
(۲۵) امام کے لیے دونوں طرف کے سلام میں مقتدیوں اور فرشتوں کی نیت کرنا۔ اور مقتدیوں کے لیے دونوں طرف کے سلام میں فرشتوں، امام اور مقتدیوں کی نیت کرنا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

مستحبات نماز

سوال : مستحبات نماز کیا ہیں؟
جواب : وہ باتیں جن کے کرنے سے نماز میں بہتری اور خوبی آجاتی ہے مستحبات نماز کہلاتے ہیں مثلاً:
(۱) قیام کی حالت میں سجدہ گاہ پر نظر رکھنا
(۲) رکوع میں قدموں کی پیٹھ پر نظر رکھنا
(۳) قعدہ اور جلسہ میں اپنی گود کی طرف نظر رکھنا
(۴) سلام کے وقت اپنے کاندھوں کی طرف نظر رکھنا
(۵) جماہی آئے تو منہ بند کیے رہنا اور اگر نہ رکے تو ہونٹ دانتوں سے دبا لینا اس پر بھی نہ رکے تو قیام کی حالت میں داہنے ہاتھ کی پشت سے منہ ڈھانک لے باقی حالتوں میں بائیں ہاتھ کی پشت سے منہ ڈھانک لے۔ اور جماہی روکنے کا مجرب طریقہ یہ ہے کہ دل میں خیال کرے کہ انبیاء علیہم السلام کو جماہی نہیں آتی تھی
(۶) حتی الامکان کھانسی کو روکنا
(۷) مرد کے لیے تکبیر تحریمہ کے لیے ہاتھوں کو کپڑے سے باہر نکالنا
(۸) جب تکبیر کہنے والا حّی علی الفلاح کہے تو امام و مقتدی سب کا کھڑا ہو جانا
(۹) دونوں پاؤں کے درمیان چار انگل کا فاصلہ ہونا
(۱۰) مقتدی کا امام کے ساتھ نماز شروع کرنا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

مفسدات نماز

سوال : مفسدات نماز کسے کہتے ہیں؟
جواب : مفسدات نماز ان چیزوں کو کہتے ہیں جن سے نماز فاسد ہو جاتی ہے یعنی ٹوٹ جاتی ہے۔

سوال : مفسدات نماز کتنی قسم کے ہیں؟
جواب : مفسدات نماز دو قسم کے ہیں : (۱)اقوال (۲) افعال

سوال : وہ کونسے اقوال ہیں جن سے نماز فاسدہو جاتی ہے؟
جواب : نماز میں جان بوجھ کر یا بھول چوک سے تسبیحات نماز کے علاوہ ہر قسم کا کلام کرنا مثلاً کسی کے سلام کا جواب دینا وغیرہ اور تسبیحات نماز میں کوئی ایسی غلطی کرنا جس سے معنی بگڑ جاتے ہوں۔

سوال : وہ کون سے افعال ہیں جن سے نماز فاسد ہو جاتی ہے؟
جواب : نماز کے دوران کوئی بھی ایسا کام کرناجس کو دور سے دیکھنے والے کو یہ احساس ہو کہ یہ شخص نماز میں مصروف نہیں۔ شرائط نماز میں سے کسی ایک شرط کا پورا نہ ہونا ، نماز کے اندر کھانا پینا، چلنا پھرنا،قہقہہ مار کر ہنسنا، بے ہوش ہونا، سو جانا، وغیرہ۔
نوٹ : سجدے اور رکوع والی نمازوں میں قہقہہ سے بالغ آدمی کا وضو بھی ٹوٹ جاتا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

مسجد کا بیان

سوال :مسجد کسے کہتے ہیں؟
جواب : ہر وہ مقام جو نماز پڑھنے کے لیے مخصوص کر لیا جائے اور وہاں جماعت سے یعنی اذان و اقامت کے ساتھ نماز ہوتی ہو اور اس زمین کے مالک نے اسے مسجد کے لیے وقف کیا ہو ’’مسجد‘‘کہلاتی ہے۔

سوال : مسجد میں نماز پڑھنے کی کیا فضیلت ہے؟
جواب : مسجد میں نماز پڑھنے کا ثواب گھر میں نماز پڑھنے سے پچیس گنا زیادہ ہے۔ ایک حدیث شریف میں مسجد میں نماز پڑھنے کو جہاد کہا گیا ہے اور جب کوئی نمازی نماز کے ارادے سے مسجد کی جانب چلتا ہے تو ہر قدم پر اس کو اجرو ثواب ملتا ہے اور اس کے درجات بلند ہوتے ہیں۔

سوال : مسجد کے آداب کیا ہیں؟
جواب : مسجد میں داخل ہوتے وقت پہلے دایاں قدم مسجد کے اندر رکھیں اور یہ دعا پڑھیں
’’اَللّٰھُمَّ افتَح لِی اَبوَابَ رَحمَتِکَ‘‘
(اے اللہ میرے لیے رحمت کے دروازے کھول دے)
اگر مسجد میں کچھ لوگ موجود ہوں اور و ہ ذکر و تلاوت میں مصروف نہ ہوں تو انہیں سلام کہیں، مسجد میں ذکرو تلاوت کے علاوہ آواز بلند نہ کریں، مسجد میں کھانا پینا، سونا، بولنا منع ہے۔ مسجد میں جہاں جگہ مل جائے بیٹھ جائیں۔ لوگوں کے کاندھوں کے اوپر سے پھلانگ کر اگلی صفوں میں جانا بہت بری بات ہے۔ مسجد کا خیال رکھنا چاہیئے اور مسجد کو خوب صاف ستھرا رکھنا چاہیئے۔ مسجد میں کوئی بدبو دار چیز کھا یا پی کر نہیں جانا چاہیئے۔اگر اپنے محلہ میں مسجد موجود ہو تو اسے چھوڑ کر دوسرے محلہ کی مسجد میں نہیں جانا چاہئے۔ مسجد سے باہر نکلتے وقت پہلے بایاں پاؤں باہر نکالیں اور یہ دعا پڑھیں
’’اَللّٰھُمَّ اِنِّی اَسئَلُکَ مِن فَضلِکَ‘‘
(اے اللہ میں تجھ سے تیرے فضل کا سوال کرتا ہوں)۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

نماز کی رکعتوں کا نقشہ

نماز
سنت فرض سے پہلے
فرض
سنت فرض کے بعد
نفل
وتر
نفل
کل رکعتیں
فجر
2
2
ـ
ـ
ـ
ـ
4
ظہر
4
4
4
2
ـ
ـ
12
عصر
4﴿غیر موکدہ﴾
4
ـ
ـ
ـ
ـ
8
مغرب
ـ
3
2
2
ـ
ـ
7
عشاء
4 ﴿غیر مؤکدہ﴾
4
2
2
3
2
17

۞۞۞

نماز پڑھنے کا مسنون طریقہ

سوال : نماز پڑھنے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : نماز پڑھنے کا طریقہ یہ ہے کہ جو نماز پڑھنا ہے پہلے دل میں اس کی نیت کریں اور نیت کے الفاظ زبان سے کہیں تو بہتر ہے مثلاً فجر کی نماز پڑھنا ہو تو یوں کہیں۔
’’نیت کی میں نے دو رکعت نماز فجر فرض کی واسطے اللہ تعالیٰ کے منہ میرا کعبہ شریف کی طرف ‘‘ اور اگر جماعت کے ساتھ پڑھ رہے ہیں تو یہ بھی کہیں ’’اس امام کے پیچھے‘‘ پھر دونوں ہاتھ کانوں تک لے جائیں اور ’’تکبیر‘‘ یعنی اللہ اکبر کہتے ہوئے واپس لائیں اور ناف کے نیچے باندھ لیں ۔داہنے ہاتھ اوپر رکھیں اور بایاں ہاتھ نیچے اب نہایت توجہ سے یہ سمجھ کر کہ آپ اللہ تعالیٰ کے دربار میں کھڑے ہیں ’’ ثنا‘‘ پڑھیں۔ ثنا ختم کرنے کے بعد ’’تعوذ‘‘ اور پھر’’ تسمیہ‘‘ پڑھیں اس کے بعد ’’سورۂ فاتحہ‘‘ پڑھ کر تلاوت قرآن کریں۔(تلاوت قرآن میں قرآن حکیم کا کچھ حصہ، چند آیات یا کوئی ایک چھوٹی سورت پڑھی جا سکتی ہے)۔
نوٹ : (۱) چھوٹی سورت کی قید ارکان نماز میں ’’قرأت‘‘سے ہے جس سے قرأت کا فرض ادا ہو جائے۔
(۲) منفرد کے لیے چھوٹی سورت کی قید نہیں وہ جس قدر چاہے پڑھ سکتا ہے البتہ امام مقتدیوں کی برداشت کے مطابق چند آیات یا کوئی مناسب حال سورت پڑھ سکتا ہے۔ نہ اتنی چھوٹی سورت کہ قرأت مسنونہ سے بھی کم ہو اور نہ اتنی زیادہ کہ مقتدی بھی تنگ آ جائیں۔
جب تلاوت قرآن سے فارغ ہو جائیں تو ’’تکبیر‘‘ یعنی اللہ اکبر کہتے ہوئے رکوع میں چلے جائیں یعنی جھک کر گھٹنوں کو ہاتھوں سے مضبوط پکڑ لیں پھر کم سے کم تین بار’’ رکوع کی تسبیح‘‘ پڑھیں۔ پھر’’ تسمیع‘‘ کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہو جائیں اور کھڑے ہو کر ایک بار’’ تحمید‘‘ کہیں۔ پھر ’’ اللہ اکبر‘‘ کہتے ہوئے سجدہ میں چلے جائیں اس طرح کہ پہلے گھٹنے زمین پر رکھیں پھر دونوں ہاتھ پھر دونوں ہاتھوں کے درمیان میں ناک اور پھر پیشانی رکھیں اور دونوں پاؤں کی سب انگلیوں کے پیٹ زمین پر جمائے رکھیں اور کم سے کم تین بار ’’سجدہ کی تسبیح‘‘ پڑھیں۔پھر ’’تکبیر ‘‘یعنی اللہ اکبر کہتے ہوئے اٹھ کر بیٹھ جائیں اس طرح کہ داہنا پاؤں کھڑا رہے اور بائیں پاؤں کو بچھا کر اس اس پر خوب سیدھے جم کر بیٹھ جائیں پھر اسی طرح ’’تکبیر‘‘ کہتے ہوئے دوسرے سجدہ میں جائیں اور اسی طرح کم از کم تین بار ’’سجدہ کی تسبیح‘‘ پڑھیں اور پھر ’’تکبیر کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہو جائیں۔اب آپ کی ایک رکعت پوری ہو گئی اب دوسری رکعت شروع ہو گئی۔ دوسری رکعت میں ’’ثنا‘‘ اور ’’تعوذ‘‘ نہ پڑھیں بلکہ صرف ’’تسمیہ‘‘ یعنی بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھنے کے بعد’’ سورۃ فاتحہ‘‘ پڑھیں اور پھر’’ تسمیہ‘‘ پڑھ کر’’ تلاوت قرآن‘‘ یعنی کچھ آیات قرآنی یا کوئی سورت پڑھیں تلاوت سے فارغ ہونے کے بعد پہلی رکعت کی طرح رکوع اورسجدے کریں۔اب دوسری رکعت بھی تمام ہوئی۔ دوسرے سجدے سے فارغ ہو کر بیٹھ جائیں پھر تشہد اور درود شریف پڑھیں ’’تشہد‘‘ اور درود شریف کے بعد قرآن مجید کی دعاؤں میں سے کوئی سی دعا جو آپ کو یاد ہو پڑھیں اور پھر سلام پھیریں۔ سلام پھیرنے کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے دائیں کندھے کی طرف منہ کر کے کہیں ’’اَلسَّلَامُ عَلَیکُم وَرَحمَۃُ اللّٰہِ‘‘ پھر بائیں کندھے کی طرف منہ کر کے اسی طرح کہیں ’’ اَلسَّلَامُ عَلَیکُم وَرَحمَۃُ اللّٰہِ‘‘ یہ دو رکعت نماز پوری ہو گئی اب ہاتھ اٹھا کر دعا مانگیں اور دعا سے فارغ ہو کر ہاتھ منہ پر پھیر لیں۔
نوٹ : ہر نماز میں دو رکعت ادا کرنے پر نماز ختم نہیں ہو جاتی صرف فجر کی نماز میں دو فرض پڑھے جاتے ہیں۔ باقی نمازوں یعنی ظہر، عصر اور عشاء میں چار چار فرض پڑھے جاتے ہیں اور مغرب کی نماز میں تین فرض پڑھے جاتے ہیں۔

سوال : تین یا چار رکعتوں والی فرض نمازوں کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : تین یا چار رکعتوں والی فرض نمازوں کا طریقہ یہ ہے کہ دو رکعت مکمل ہونے پر جب ’’قعدہ‘‘ میں بیٹھیں تو صرف ’’تشہد‘‘ پڑھ کر ’’تکبیر‘‘ کہتے ہوئے کھڑے ہو جائیں اور باقی ایک یا دو رکعتیں مکمل کریں لیکن ان ایک یا دو رکعتوں میں سورۂ فاتحہ کے بعد تلاوت قرآن نہیں کی جاتی۔ باقی ایک یا دو رکعتیں مکمل کر کے پھر’’قعدہ‘‘ میں بیٹھیں اور ’’تشہد‘‘ کے بعد ’’درود شریف‘‘ اور دعا پڑھ کر سلام پھیریں۔

سوال : کیا دو یا چار رکعتوں والی سنت نماز وں کا طریقہ بھی یہی ہے؟
جواب : دو یا چار رکعتوں والی سنت نماز وں کا طریقہ یہی ہے لیکن سنت نمازوں کی تمام رکعتوں میں سورۂ فاتحہ کے بعد تلاوت قرآن کی جاتی ہے ۔جبکہ فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں میں تو تلاوت قرآن مجید کی جاتی ہے لیکن آخری دو یا ایک رکعت میں تلاوت قرآن نہیں کی جاتی۔

سوال : عشاء کی نماز میں وتر پڑھنے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب : عشاء کی نماز میں وتر پڑھنے کا طریقہ باقی نمازوں جیسا ہی ہے لیکن آخری رکعت میں سورہ فاتحہ اور تلاوت قرآن کے بعد کانوں تک ہاتھ اٹھا کر پھر باندھ لیتے ہیں اور ’’دعائے قنوت‘‘ پڑھتے ہیں۔ دعائے قنوت سے فارغ ہو کر رکوع میں جاتے ہیں اور نماز کو اسی طرح مکمل کرتے ہیں جیسے باقی نمازوں کو مکمل کیا جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

نماز جماعت

سوال : جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کا طریقہ بھی یہی ہے یا اس میں کچھ فرق ہے؟
جواب : جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کا طریقہ ذرا مختلف ہے اس میں کچھ تسبیحات ایسی ہیں جو مقتدی نہیں پڑھتے اور خاموش رہتے ہیں۔

سوال : وہ کونسی تسبیحات ہیں جو مقتدی امام کے پیچھے نہیں پڑھتے؟
جواب : مقتدی امام کے پیچھے صرف ثناء پڑھ کر خاموش کھڑے رہیں تعوذ اور تسمیہ نہ پڑھیں اور نہ ہی کسی رکعت میں سورۃ فاتحہ یا کوئی اور سورۃ پڑھیں۔ البتہ جہری نمازوں میں جب امام ’’سورہ فاتحہ‘‘ پڑھ چکے تو مقتدی نہایت آہستہ آواز میں ’’ آمین‘‘ کہیں۔
اسی طرح مقتدی امام کے پیچھے ’’تسمیع‘‘ یعنی سَمِعَ اللّٰہُ لِمَن حَمِدَہ بھی نہیں پڑھتے بلکہ رکوع سے کھڑے ہو کر ’’قومہ‘‘ کی حالت میں صرف رَبَّنَا لَکَ الحَمدُ۔ پڑھتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

عورتوں کی نماز

سوال : عورتیں بھی نماز اسی طرح پڑھیں یا ان کے طریقہ میں کوئی فرق ہے؟
جواب : عورتوں اور مردوں کی نماز میں تقریباً بیس (۲۰) طرح کا فرق ہے۔

سوال : عورتوں اور مردوں کی نماز میں کیا فرق ہے؟
جواب : عورتوں اور مردوں کی نماز میں مندرجہ ذیل باتوں کا فرق ہے۔
(۱) عورتیں ’’تکبیر تحریمہ‘‘ میں اپنے دونوں ہاتھ کانوں کی بجائے اپنے شانے یعنی کندھے تک اٹھائیں جبکہ مرد کانوں تک ہاتھ اٹھاتے ہیں۔ (۲) عورتیں’’تکبیر تحریمہ ‘‘ کے لیے دونوں ہاتھ کندھوں تک اٹھاتے وقت اپنے ہاتھ کپڑے یا چادر سے باہر نہ نکالیں جبکہ مرد باہر نکالتے ہیں ۔ (۳) عورتیں قیام کی حالت میں اپنے دائیں ہاتھ کی ہتھیلی کو بائیں ہاتھ کی پشت پر رکھیں۔ جبکہ مرد دائیں ہاتھ سے بائیں ہاتھ کی کلائی کوپکڑتے ہیں۔ (۴) عورتیں قیام کی حالت میں اپنے ہاتھ سینہ پر باندھیں۔ جبکہ مرد ناف کے نیچے ہاتھ نہ باندھتے ہیں۔ (۵) عورتیں رکوع کی حالت میں کم جھکیں یعنی صرف اتنا جھکیں کہ گھٹنوں تک ہاتھ پہنچ جائیں، مردوں کی طرح زیادہ نہ جھکیں۔ (۶) عورتیں رکوع کی حالت میں اپنے گھٹنوں پر آہستہ سے ہاتھ رکھیں اور انگلیوں کو کشادہ نہ رکھیں جبکہ مردحالت رکوع میں گھٹنوں کو مضبوطی سے کشادہ انگلیوں کے ساتھ پکڑتے ہیں۔ (۷) عورتیں رکوع کی حالت میں گھٹنوں کو قدرے جھکا کر رکھیں مردوں کی طرح گھٹنوں کو بالکل سیدھانہ رکھیں۔ (۸) عورتیں سجدہ سمٹ کر کریں یعنی بازوؤں کو پہلوؤں سے ملا کر رکھیں جبکہ مرد علیحدہ رکھتے ہیں۔ (۹) عورتیں سجدہ کی حالت میں پیٹ کو رانوں سے ملا کر رکھیں جبکہ مرد جدا رکھتے ہیں۔ (۱۰) عورتیں حالت سجدہ میں رانوں اور پنڈلیوں کو ملا کر رکھیں جبکہ مرد جدا رکھتے ہیں۔(۱۱) عورتیں حالت سجدہ میں اپنی پنڈلیوں کو زمین سے ملا کر رکھیں جب کہ مرد پنڈلیوں کو زمین سے ملا کر نہیں رکھتے۔ (۱۲) عورتیں سجدہ کی حالت میں دونوں ہاتھ اور بازو زمیں پر بچھا کر رکھتی ہیں جبکہ مرد ایسا نہیں کرتے۔(۱۳)عورتیں قعدہ کی حالت میں دونوں پاؤں دائیں طرف بچھا کر بیٹھیں جبکہ مرد دایاں پاؤں کھڑا رکھتے ہیں اور بایاں پاؤں بچھاتے ہیں۔ (۱۴) عورتیں قعد ہ میں اپنے دونوں ہاتھوں کی انگلیوں کو ملا کر رکھتی ہیں جبکہ مرد کشادہ رکھتے ہیں۔ (۱۵) عورتیں مرد کی امامت نہیں کر سکتیں جبکہ مرد عورت کی امامت کر سکتا ہے۔ (۱۶) عورتوں کی جماعت نہیں ہو سکتی کیونکہ یہ مکروہ ہے۔(۱۷) اگر عورتیں کراہت کے ساتھ جماعت کریں تو ان کا امام آگے نہیں کھڑا ہوگا بلکہ صف کے اندر کھڑا ہوگا۔(۱۸) عوروں پر جمعہ و عیدین کی نمازیں واجب نہیں اور مردوں پر واجب ہیں۔ (۱۹) عورتوں کے لیے صبح کی نماز اندھیرے میں مستحب ہے جبکہ مردوں کے لیے ایسے وقت میں نماز پڑھنا مستحب ہے جب خوب اجالا ہو چکا ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

سجدۂ سہو

سوال : سجدہ سہو کسے کہتے ہیں اور اس کی ترکیب کیا ہے؟
جواب : سہو کہتے ہیں بھول جانے کو ۔ جب کبھی نماز میں کوئی بھول چوک ہو جائے تو اس کے ازالہ کے لیے سجدۂ سہو کرتے ہیں۔ اس کی ترکیب یہ ہے کہ نماز کے آخری ’’قعدہ‘‘ میں تشہد پڑھنے کے بعد دائیں جانب سلام پھیر کر تکبیر کہتے ہوئے سجدہ میں چلے جاتے ہیں۔ ایک سجدہ مکمل کرنے کے بعد جلسہ کرتے ہیں اور پھر اسی طرح دوسرا سجدہ کر کے قعدہ کی حالت میں تشہد، درود شریف اور دعا کے بعد دونوں طرف سلام پھیرتے ہیں۔

سوال : سجدہ سہو کن صورتوں میں واجب ہوتا ہے؟
جواب : جب نماز کے واجبات میں سے کوئی واجب رہ جائے یا اس کی ترکیب میں ردو بدل ہو جائے یا کسی فرض میں تاخیر ہو جائے تو سجدہ سہو واجب ہو جاتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

تسبیح فاطمہؑ

سوال : تسبیح فاطمہؑ کسے کہتے ہیں؟
جواب : حضور سرور عالمﷺ نے اپنی پیاری بیٹی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو ہر نماز کے بعد جوتسبیح پڑھنے کے لیے بتائی اسے تسبیح فاطمہ کہتے ہیں۔

سوال : تسبیح فاطمہ میں کیا پڑھتے ہیں؟
جواب : تسبیح فاطمہ میں۳۳ بار’’ سُبحَانَ اللّٰہ‘‘ ۳۳ بار’’ اَلحَمدُ لِلّٰہ‘‘ِ اور۳۴ بار’’ اَللّٰہ اَکبَر پڑھتے ہیں جس کا بہت زیادہ ثواب ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

روزہ کا بیان

سوال : روزہ کیا ہے؟
جواب : روزہ بھی ارکان اسلام میں سے ایک رکن ہے۔

سوال : روزہ کسے کہتے ہیں؟
جواب : نیت کے ساتھ صبح صادق سے غروب آفتاب تک کھانے پینے اور نفسانی خواہشات کو چھوڑ دینے کو روزہ کہتے ہیں۔

سوال : فرض روزے کتنے ہیں؟
جواب : سال بھر میں ایک مہینے، یعنی ماہ رمضان کے روزے فرض ہیں۔

سوال : کون سے روزے سنت ہیں؟
جواب : عاشورہ یعنی دسویں محرم، عرفہ یعنی نویں ذی الحجہ اور ایام بیض یعنی ہر ماہ کی تیرھویں، چودھویں اور پندرھویں کے روزے سنت ہیں۔

سوال : کیا شریعت میں کچھ روزے مکروہ بھی ہوتے ہیں؟
جواب : جی ہاں۔ مثلاً جمعرات یا ہفتہ کا روزہ ملائے بغیر صرف جمعہ کا روزہ اہتمام سے رکھنا مکروہ ہے۔

سوال : کیا کچھ روزے حرام بھی ہیں؟
جواب : جی ہاں سال بھر میں پانچ دنوں کے روزے حرام ہیں۔ (۱) عیدالفطر(۲) عیدالاضحی (۳) ایام تشریق (یعنی ذی الحجہ کی گیارہویں، بارہویں اور تیرہویں تاریخ)

سوال : کیا نیت کے بغیر روزہ ہو جاتا ہے؟
جواب : نیت کے بغیر روزہ نہیں ہوتا۔

سوال : کیا نیت زبان سے کرنا ضروری ہے؟
جواب : نہیں۔ صرف دل سے نیت کر لینا بھی کافی ہے۔

سوال : روزہ میں کون کون سی چیزیں مستحب ہیں؟
جواب : روزہ میں یہ چیزیں مستحب ہیں: (۱) سحری کھانا (۲)سحری آخری وقت میں کھانا (۳)رات سے روزے کی نیت کر لینا(۴)شروع وقت میں افطار کرنا (۵) چھوہارے یا کھجوروں سے افطار کرنا اور اگر یہ نہ ہوں تو پانی سے افطار کرنا(۶) زبان کو بری باتوں سے بچانا۔

سوال : روزہ کن چیزوں سے نہیں ٹوٹتا اور مکروہ نہیں ہوتا؟
جواب : (۱) خوشبو لگانے او سونگھنے۔(۲)مسواک کرنے۔(۳)بدن یا سر پر تیل کی مالش کرنے۔ (۴)سرمہ لگانے۔ (۵) ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے غسل کرنے۔(۶) بلا ارادہ قے ہو جانے۔ (۷) مکھی یا دھوئیں کے بلا ارادہ حلق میں داخل ہو جانے۔(۸) اور بھولے سے کسی چیز کے کھا لینے سے روزہ نہ ٹوٹتا ہے اور نہ ہی مکروہ ہوتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

زکوٰۃ کا بیان

سوال : زکوٰۃ کیا ہے؟
جواب : زکوٰۃ بھی ارکان اسلام میں سے ایک رکن ہے۔

سوال : زکوٰۃ کسے کہتے ہیں؟
جواب : شرعی قانون کے مطابق ہرسال اپنے مال کا جو مقررہ حصہ کسی فقیر اور محتاج کو دیکر اسے اس کا مالک بنا دیا جاتا ہے اس کو زکوٰۃ کہتے ہیں؟

سوال : اللہ تعالی نے مسلمانوں پر زکوٰۃ کیوں فرض کی ہے؟
جواب : اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر زکوٰۃ اس لیے فرض کی ہے کہ مال داروں کی دولت میں غریب اور مفلس لوگ بھی شریک ہو جائیں اور ان کی بھی ضروریات زندگی پوری ہو سکیں۔ اللہ تعالی نے مالدار مسلمانوں کو حکم دیا ہے کہ وہ ہر سال کے آخر میں اپنے مال میں سے چالیسواں حصہ ناداروں فقیروں اور محتاجوں کو ادا کیا کریں تاکہ ان کی حالت سدھر جائے۔

سوال : زکوٰۃ کب اور کن چیزوں پر فرض ہے؟
جواب : زکوٰۃ سال گزر جانے کے بعد نقد مال، سونا چاندی اور مال مویشی پر فرض ہے اس میں وہ چیزیںشامل نہیں ہیں جو ہمارے روزمرہ کے استعمال میں آتی ہیں۔

سوال : کیا زکوٰۃ ہر مسلمان پر فرض ہے یا اس کی کچھ شرطیں ہیں؟
جواب : زکوٰۃ ہر اس شخص پر فرض ہے جو مسلمان ہو عاقل ، بالغ اور آزاد ہو، مقروض نہ ہو اوراس کے پاس زکوٰۃ کے لیے مقرر شدہ مقدار کے مطابع نقد رقم،سونا، چاندی، مال مویشی یا مال تجارت ہو اور یہ مال اس کے پاس پورے ایک سال سے موجود ہویا اس کا مال کسی اور کے پاس ہو اور وہ اس بات سے انکاری نہ ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

حج بیت اللہ کا بیان

سوال : حج کیا ہے؟
جواب : اسلام کا پانچواں رکن ہے۔

سوال : حج کسے کہتے ہیں؟
جواب : ہر سال ذی الحجہ کے ماہ میں نویں تاریخ کو مقررہ وقت اور خاص طریقہ سے عرفات کے میدان میں ٹھہرنے اور خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے کو حج کہتے ہیں۔

سوال : حج زندگی میں کتنی بار فرض ہے؟
جواب : حج زندگی میں ایک بار فرض ہے۔

سوال : حج کے فضائل کیا ہیں؟
جواب : حج کے بہت زیادہ فضائل ہیں مختصر یہ کہ حج انسانوں کو گناہوں سے اس طرح پاک کر دیتا ہے جیسے آگ کی بھٹی سونے اور چاندی کو میل سے پاک صاف کر دیتی ہے۔

سوال : حج کس پر فرض ہے؟
جواب : حج ہر عاقل، بالغ اور آزاد مسلماں پر فرض ہے جس کو اللہ تعالی نے اتنا مال دیا ہو کہ وہ اپنے خرچ کے علاوہ سفر حج کے اخراجات پورے کر سکتا ہو۔
۞۞۞

قرآنی سورتیں

سورہ فاتحہ

الْحَمْدُ للّهِ رَبِّ الْعَالَمِینَ{2} الرَّحْمـنِ الرَّحِیمِ{3} مَالِكِ یوْمِ الدِّینِ{4} إِیاكَ نَعْبُدُ وإِیاكَ نَسْتَعِینُ{5} اهدِنَــــا الصِّرَاطَ المُستَقِیمَ{6} صِرَاطَ الَّذِینَ أَنعَمتَ عَلَیهِمْ غَیرِ المَغضُوبِ عَلَیهِمْ وَلاَ الضَّالِّینَ{7}
ترجمہ:
1۔ سب تعریفیں اللہ ہی کے لئے ہیں جو تمام جہانوں کی پرورش فرمانے والا ہےo
2۔ نہایت مہربان بہت رحم فرمانے والا ہےo
3۔ روزِ جزا کا مالک ہےo
4۔ (اے اللہ!) ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور ہم تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیںo
5۔ ہمیں سیدھا راستہ دکھاo
6۔ ان لوگوں کا راستہ جن پر تو نے انعام فرمایاo
7۔ ان لوگوں کا نہیں جن پر غضب کیا گیا ہے اور نہ (ہی) گمراہوں کاo

سورۂ فیل
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
أَلَمْ تَرَ كَیفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِأَصْحَابِ الْفِیلِ{1} أَلَمْ یجْعَلْ كَیدَهُمْ فِی تَضْلِیلٍ{2} وَأَرْسَلَ عَلَیهِمْ طَیراً أَبَابِیلَ{3} تَرْمِیهِم بِحِجَارَةٍ مِّن سِجِّیلٍ{4} فَجَعَلَهُمْ كَعَصْفٍ مَّأْكُولٍ{5}
ترجمہ:
1۔ کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ آپ کے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا سلوک کیاo
2۔ کیا اس نے ان کے مکر و فریب کو باطل و ناکام نہیں کر دیاo
3۔ اور اس نے اس پر (ہر سمت سے) پرندوں کے جھنڈ کے جھنڈ بھیج دیئےo
4۔ جو ان پر کنکریلے پتھر مارتے تھےo
5۔ پھر (اﷲ نے) ان کو کھائے ہوئے بھوسے کی طرح (پامال) کر دیاo

سورۂ قریش
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
لِإِیلَافِ قُرَیشٍ{1} إِیلَافِهِمْ رِحْلَةَ الشِّتَاء وَالصَّیفِ{2} فَلْیعْبُدُوا رَبَّ هَذَا الْبَیتِ{3} الَّذِی أَطْعَمَهُم مِّن جُوعٍ وَآمَنَهُم مِّنْ خَوْفٍ{4}

ترجمہ:
1۔ قریش کو رغبت دلانے کے سبب سےo
2۔ انہیں سردیوں اور گرمیوں کے (تجارتی) سفر سے مانوس کر دیاo
3۔ پس انہیں چاہئے کہ اس گھر (خانہ کعبہ) کے رب کی عبادت کریں (تاکہ اس کی شکر گزاری ہو)o
4۔ جس نے انہیں بھوک (یعنی فقر و فاقہ کے حالات) میں کھانا دیا (یعنی رِزق فراہم کیا) اور (دشمنوں کے) خوف سے امن بخشا (یعنی محفوظ و مامون زندگی سے نوازا)o

سورۂ ماعون
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
أَرَأَیتَ الَّذِی یكَذِّبُ بِالدِّینِ{1} فَذَلِكَ الَّذِی یدُعُّ الْیتِیمَ{2} وَلَا یحُضُّ عَلَى طَعَامِ الْمِسْكِینِ{3} فَوَیلٌ لِّلْمُصَلِّینَ{4} الَّذِینَ هُمْ عَن صَلَاتِهِمْ سَاهُونَ{5} الَّذِینَ هُمْ یرَاؤُونَ{6} وَیمْنَعُونَ الْمَاعُونَ{7}
ترجمہ:
1۔ کیا آپ نے اس شخص کو دیکھا جو دین کو جھٹلاتا ہےo
2۔ تو یہ وہ شخص ہے جو یتیم کو دھکے دیتا ہے (یعنی یتیموں کی حاجات کو ردّ کرتا اور انہیں حق سے محروم رکھتا ہے)o
3۔ اور محتاج کو کھانا کھلانے کی ترغیب نہیں دیتا (یعنی معاشرے سے غریبوں اور محتاجوں کے معاشی اِستحصال کے خاتمے کی کوشش نہیں کرتا)o
4۔ پس افسوس (اور خرابی) ہے ان نمازیوں کے لئےo
5۔ جو اپنی نماز (کی روح) سے بے خبر ہیں (یعنی انہیں محض حقوق اﷲ یاد ہیں حقوق العباد بھلا بیٹھے ہیں)o
6۔ وہ لوگ (عبادت میں) دکھلاوا کرتے ہیں (کیونکہ وہ خالق کی رسمی بندگی بجا لاتے ہیں اور پسی ہوئی مخلوق سے بے پرواہی برت رہے ہیں)o
7۔ اور وہ برتنے کی معمولی سی چیز بھی مانگے نہیں دیتےo

سورۂ کوثر
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
إِنَّا أَعْطَینَاكَ الْكَوْثَرَ{1} فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ{2} إِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْأَبْتَرُ{3}
ترجمہ:
1۔ بیشک ہم نے آپ کو (ہر خیر و فضیلت میں) بے انتہا کثرت بخشی ہے٭o
٭ کوثر سے مراد حوضِ کوثر یا نہرِ جنت بھی ہے اور قرآن اور نبوت و حکمت بھی، فضائل و معجزات کی کثرت یا اصحاب و اتباع اور امت کی کثرت بھی مراد لی گئی ہے۔ رفعتِ ذکر اور خلقِ عظیم بھی مراد ہے اور دنیا و آخرت کی نعمتیں بھی، نصرتِ الٰہیہ اور کثرتِ فتوحات بھی مراد ہیں اور روزِ قیامت مقامِ محمود اور شفاعتِ عظمیٰ بھی مراد لی گئی ہے۔
2۔ پس آپ اپنے رب کے لئے نماز پڑھا کریں اور قربانی دیا کریں (یہ ہدیۂ تشکرّ ہے﴾o
3۔ بیشک آپ کا دشمن ہی بے نسل اور بے نام و نشاں ہوگاo

سورہ کافرون
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
قُلْ یا أَیهَا الْكَافِرُونَ{1} لَا أَعْبُدُ مَا تَعْبُدُونَ{2} وَلَا أَنتُمْ عَابِدُونَ مَا أَعْبُدُ{3} وَلَا أَنَا عَابِدٌ مَّا عَبَدتُّمْ{4} وَلَا أَنتُمْ عَابِدُونَ مَا أَعْبُدُ{5} لَكُمْ دِینُكُمْ وَلِی دِینِ{6}
ترجمہ:
1۔ آپ فرما دیجئے: اے کافرو!o
2۔ میں ان (بتوں) کی عبادت نہیں کرتا جنہیں تم پوجتے ہوo
3۔ اور نہ تم اس (رب) کی عبادت کرنے والے ہو جس کی میں عبادت کرتا ہوںo
4۔ اور نہ (ہی) میں (آئندہ کبھی) ان کی عبادت کرنے والا ہوں جن (بتوں) کی تم پرستش کرتے ہوo
5۔ اور نہ (ہی) تم اس کی عبادت کرنے والے ہو جس (رب) کی میں عبادت کرتا ہوںo
6۔ (سو) تمہارا دین تمہارے لئے اور میرا دین میرے لئے ہےo

سورہ نصر
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
إِذَا جَاء نَصْرُ اللَّهِ وَالْفَتْحُ{1} وَرَأَیتَ النَّاسَ یدْخُلُونَ فِی دِینِ اللَّهِ أَفْوَاجاً{2} فَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ وَاسْتَغْفِرْهُ إِنَّهُ كَانَ تَوَّاباً{3}
ترجمہ:
1۔ جب اﷲ کی مدد اور فتح آپہنچےo
2۔ اور آپ لوگوں کو دیکھ لیں (کہ) وہ اﷲ کے دین میں جوق دَر جوق داخل ہو رہے ہیںo
3۔ تو آپ (تشکراً) اپنے رب کی حمد کے ساتھ تسبیح فرمائیں اور (تواضعاً) اس سے استغفار کریں، بیشک وہ بڑا ہی توبہ قبول فرمانے والا (اور مزید رحمت کے ساتھ رجوع فرمانے والا) ہےo

سورۂ لہب
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
تَبَّتْ یدَا أَبِی لَهَبٍ وَتَبَّ{1} مَا أَغْنَى عَنْهُ مَالُهُ وَمَا كَسَبَ{2} سَیصْلَى نَاراً ذَاتَ لَهَبٍ{3} وَامْرَأَتُهُ حَمَّالَةَ الْحَطَبِ{4} فِی جِیدِهَا حَبْلٌ مِّن مَّسَدٍ{5}
ترجمہ:
1۔ ابولہب کے دونوں ہاتھ ٹوٹ جائیں اور وہ تباہ ہو جائے (اس نے ہمارے حبیب پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی ہے)o
2۔ اسے اس کے (موروثی) مال نے کچھ فائدہ نہ پہنچایا اور نہ ہی اس کی کمائی نےo
3۔ عنقریب وہ شعلوں والی آگ میں جا پڑے گاo
4۔ اور اس کی (خبیث) عورت (بھی) جو (کانٹے دار) لکڑیوں کا بوجھ (سر پر) اٹھائے پھرتی ہے، (اور ہمارے حبیب کے تلووں کو زخمی کرنے کے لئے رات کو ان کی راہوں میں بچھا دیتی ہے)o
5۔ اس کی گردن میں کھجور کی چھال کا (وہی) رسّہ ہوگا (جس سے کانٹوں کا گٹھا باندھتی ہے)o

سورۂ اخلاص
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ{1} اللَّهُ الصَّمَدُ{2} لَمْ یلِدْ وَلَمْ یولَدْ{3} وَلَمْ یكُن لَّهُ كُفُواً أَحَدٌ{4}
ترجمہ:
1۔ (اے نبئ مکرّم!) آپ فرما دیجئے: وہ اﷲ ہے جو یکتا ہےo
2۔ اﷲ سب سے بے نیاز، سب کی پناہ اور سب پر فائق ہےo
3۔ نہ اس سے کوئی پیدا ہوا ہے اور نہ ہی وہ پیدا کیا گیا ہےo
4۔ اور نہ ہی اس کا کوئی ہمسر ہےo

سورۂ فلق
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ{1} مِن شَرِّ مَا خَلَقَ{2} وَمِن شَرِّ غَاسِقٍ إِذَا وَقَبَ{3} وَمِن شَرِّ النَّفَّاثَاتِ فِی الْعُقَدِ{4} وَمِن شَرِّ حَاسِدٍ إِذَا حَسَدَ{5}
ترجمہ:
1۔ آپ عرض کیجئے کہ میں (ایک) دھماکے سے انتہائی تیزی کے ساتھ (کائنات کو) وجود میں لانے والے رب کی پناہ مانگتا ہوںo
2۔ ہر اس چیز کے شر (اور نقصان) سے جو اس نے پیدا فرمائی ہےo
3۔ اور (بالخصوص) اندھیری رات کے شر سے جب (اس کی) ظلمت چھا جائےo
4۔ اور گرہوں میں پھونک مارنے والی جادوگرنیوں (اور جادوگروں) کے شر سےo
5۔ اور ہر حسد کرنے والے کے شر سے جب وہ حسد کرےo

سورۂ ناس
بِسمِ اللّٰہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِO
قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ{1} مَلِكِ النَّاسِ{2} إِلَهِ النَّاسِ{3} مِن شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ{4} الَّذِی یوَسْوِسُ فِی صُدُورِ النَّاسِ{5} مِنَ الْجِنَّةِ وَ النَّاسِ{6}
ترجمہ:
1۔ آپ عرض کیجئے کہ میں (سب) انسانوں کے رب کی پناہ مانگتا ہوںo
2۔ جو (سب) لوگوں کا بادشاہ ہےo
3۔ جو (ساری) نسلِ انسانی کا معبود ہےo
4۔ وسوسہ انداز (شیطان) کے شر سے جو (اﷲ کے ذکر کے اثر سے) پیچھے ہٹ کر چھپ جانے والا ہےo
5۔ جو لوگوں کے دلوں میں وسوسہ ڈالتا ہےo
6۔ خواہ وہ (وسوسہ انداز شیطان) جنات میں سے ہو یا انسانوں میں سےo

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۞۞۞

اسلامی کلمے مترجم

اول کلمہ طیبہ

لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللَّہِ ﷺ ۔

’’اللہ تعالی کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اللہ تعالی کے رسول ہیں‘‘۔

دوسرا کلمہ شہادت

اَشھَدُ اَن لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحدَہُ لَا شَرِیکَ لَہُ وَ اَشہَدُ اَنَّ مُحَمَّد اً عَبدُہ وَ رَسُولُہٗ۔

’’ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالی کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، وہ ایک ہے،اسکا کوئی شریک نہیں اور(حضرت) محمد(مصطفیٰﷺ )اللہ تعالیٰ کے(پیارے) بندے اور رسول ہیں۔‘‘

تیسرا کلمہ تمجید

سُبحَانَ اللّٰہِ وَالحَمدُ لِلّٰہِ وَلَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکبَر وَلَا حَولَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِا للّٰہِ العَلِیِّ العَظِیم

’’پاک ہے اللہ اور ساری خوبیاں اللہ ہی کیلیے ہیں۔ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے اور گناہ سے باز رہنے اور نیکی کی قوت اللہ ہی کی جانب سے ہے جو بلند مرتبہ اور عظمت والا ہے۔‘‘

چوتھا کلمہ توحید

لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحدَہٗ لَا شَرِیکَ لَہٗ لَہُ المُلکُ وَلَہُ الحَمدُ یُحیِی وَ یُمِیتُ وَھُوَ حَیُّ لَّا یَمُوتُ اَبَدًا اَبَدًاط ذُوالجَلَالِ وَالاِکرَامِ بِیَدِہِ الخَیرط وَھُوَ عَلیٰ کُلِّ شَیئٍ قَدِیرٌ

’’اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں وہ تنہا ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کے لیے ساتی خوبیاں وہی زندہ کرتا ہے اور موت دیتا ہے وہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے زندہ ہے اور کبھی نہیں مرے گا۔وہ انتہائی عظمت اور بزرگی والا ہے اسی کے ہاتھ میں خیر ہے اور وہ ہر شے پر قادر ہے‘‘۔

پانچواں کلمہ استغفار

اَستَغفِرُ اللّٰہَ رَبّیِ مِن کُلِّ ذَنبٍ اَذنَبتہٗ عَمَدً اَوخَطَا ئً سِرًّا اَو عَلا نِیَۃًوَّ اَتُوبُ اِلَیہِ مِنَ الذَّنب الّذِی اَعلِمُ وَمِنَ الذَّنبِ الَّذِی لَآ اَعلَمُ اِنَّکَ اَنتَ عَلَّامُ الغُیُوبِ وَ سَتَّارُالعُیُوبِ وَغَفَّار ُ الذُّ نُوبِ وَلَا حَولَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِا للّٰہِ العَلِیِّ العَظِیم

’’میں اللہ سے مغفرت چاہتا ہوں جو میرا پروردگار ہے۔ ہر گناہ کی جو میں نے جان بوجھ کر کیا یا غلطی سے۔چھپ کر کیا یا کھلم کھلا، اور میں اس کی طرف توبہ کرتا ہوں ہر اس گناہ سے جسے میں جانتا ہوں اور اس گناہ سے بھی جسے میں نہیں جانتا۔ یقیناً تو ہی ہر غیب کو خوب جاننے والا اور تو ہی عیبوں کو چھپانے والا اور گناہوں کو بخشنے والا ہے اور گناہ سے باز رہنے اور نیکی کی قوت اللہ ہی سے ہے جو بلند مرتبہ اور عظمت والا ہے۔‘‘

چھٹا کلمہ رد کفر

اَللَّھُمَ اِنیِّ اَعُوذُ ِبکَ مِن اَن اُشرِکَ بِک شَیئًا وَّاَنَا اَعلَمُ بِہٖ وَاَستَغفِرُکَ لِمَالَا اَعلَمُ بِہٖ تُبتُ عَنہُ وَتَبَرَّاَتُ مِنَ الکُفرِوَالشِّرکِ وَالکِذبِ وَالغِیبَۃِ وَالبِدعَۃِوَالنَّمِیمَۃِ وَالفَوَاحِشِ وَالبُہتَانِ وَالمَعَاصِی کُلِّھَا وَاَسلَمتُ وَ اَقُولُ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ مُحَمَّدٌ رَّسُولُ اللَّہِﷺ ۔

’’اے اللہ میں تیری پناہ مانگتا ہوں اس بات سے کہ میں تیرے ساتھ کسی کو شریک کروں اور وہ میرے علم میں ہو اور میں تجھ سے بخشش مانگتا ہوں اس گناہ سے جس کا مجھے علم نہیں میں نے اس سے توبہ کی اور میں بیزار ہوا کفرسے اور شرک سے اور جھوٹ سے اور غیبت سے اور ہر نئی بات سے جو بری ہو اورچغلی سے اور بے حیائی کے کاموں سے اور کسی پر بہتان باندھنے سے اور ہر قسم کی نافرمانی سے اور میں اسلام لایا اور میں کہتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں۔‘‘

ایمان مجمل

اٰمَنتُ بِاللَّہِ کَمَا ھُوََ بِاَسمآئِہٖ وَ صِفَاتِہٖ وَقَبِلتُ جَمِیعَ اَحکَامِہٖ اِقرَارٌ بِاللِّسَانِ وَ تَصدِیقٌ بِالقَلبِ ط

’’میں ایمان لایا اللہ پر جیسا کہ وہ اپنے ناموں اور صفتوں کے ساتھ ہے اور میں نے قبول کیے اس کے تمام احکام اور مجھے زبان سے اس کا اقرار ہے اور میں دل سے اس پر یقین رکھتا ہوں۔‘‘

ایمان مفصّل

اٰمَنتُ بِاللَّہِ وَمَٰلئِکَتِہٖ وَکُتُبِہٖ وَرُسُلِہٖ وَالیَومِ الاٰخِرِ وَالقَدرِخَیرِہٖ وَشَرِّہٖ مِنَ اللّٰہِ تَعَا لیٰ وَ البَعثِ بَعدَ المَوتِ

’’میں ایمان لایا اللہ پر، اس کے فرشتوں پر اس کی کتابوں پر اور اس کے رسولوں پر اور قیامت کے دن پر اور اس بات پر کہ اچھائی اور برائی کا اندازہ اللہ ہی کی جانب سے ہے اور موت کے بعد دوبارہ زندہ ہونے پر۔‘‘

۞۞۞

تشکر: القلم لائبریری تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مبادیاتِ اسلام