اردو شاعری و کلام

مت مارو اپنے لوگوں کو

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (9,251 الفاظ)

مت مارو اپنے لوگوں کو

سید صغیر صفیؔ

انتساب

کربلا والوں کے نام

کربلا والے شہیدوں سے تعلق ہے مرا اتنی آساں نہیں دستار گرانی میری

تصانیف:
ایک تو ہی نہیں
دیر ہو گئی مجھ سے
احساسِ جمال
مت مارو اپنے لوگوں کو

ڈاکٹر سیّد صغیر صفی راولا کوٹ آزاد کشمیر 0308-5491554

دیوانگی

مر کر جینے والے ہیں ہم، مٹ کر بننے والے ہیں ہم
وقت حوالہ خود دیتا ہے، ہم جیسے دیوانوں کا
نہایت با صلاحیت نوجوان شاعر صغیر صفی کے نئے شعری مجموعے ’’مت مارو اپنے لوگوں کو‘‘ کا مسودہ دیکھتے ہوئے مندرجہ بالا شعر پر میں رک گیا۔ مجھے ایک عجیب نوعیت کی خوشی اور طمانیت محسوس ہونے لگی کہ میرے نوجوان شاعر کے اندر روح ابھی زندہ ہے۔ اگرچہ اس کے جذبے اور تمنائیں زخمی اور گھائل ہیں مگر اس کی انا سر اٹھائے ہوئے شکست و فتح سے بے نیاز ظالم کے سامنے سینہ سپر ہے۔ میں اس کے ہاں کی بدلی ہوئی فضا میں گم ہو گیا۔
وہ بھی میری طرح آئنے کے سامنے کھڑا ہے۔ مجھے بھی اس احساس نے مارا تھا کہ وکلا نے چیف جسٹس کے حرفِ انکار کے بعد حق و صداقت کا علم اٹھا لیا تھا اور ساٹھ ججوں نے آمریت کے خلاف اپنا سب کچھ قربان کر دیا تھا۔ اگرچہ چند ججز دباؤ برداشت نہ کر سکے مگر وہ جو حق پر کھڑے ہوتے ہیں امر ہو جاتے ہیں۔حق کو چھوڑ جانے والوں سے حق باطل نہیں ہوتا۔ ’’خس کم جہاں پاک‘‘۔ وکلا کی آواز دبے گی نہیں۔ میں نے بھی ان کی آواز میں آواز ملائی اور ’’دل کو دیپ کیا‘‘ کی صورت مزاحمتی شاعری کو منصہ شہود پر لایا۔ انجمن تاجران لاہور کے چیئرمین خالد پرویز نے میری شاعری کو ملک کے گلی کوچوں میں پہنچا دیا۔ لوگ مجھ سے سوال کرنے لگے کہ ایک رومانٹک شاعر یکدم اتنا بڑا انقلابی کیسے بن گیا کہ جو کہنے لگا:
آمریت نے مرے ذہن میں نفرت بھر دی
میرے اشعار میں اب لفظِ محبت بھی نہیں
میرے لبوں پر فیضؔ صاحب کا مصرعہ مچلنے لگا:
جو کوئے یار سے نکلے تو سوئے دار چلے
صغیر صفی کی صورتِ حال اس سے یکسر مختلف نہیں۔ اس کی تو عمر بھی رومانٹک شاعری کی ہے۔ عنفوانِ شباب کے بارے میں قتیل شفائی نے کہا تھا:
میں آج بھی بھولا نہیں آدابِ جوانی
میں آج بھی اوروں کو نصیحت نہیں کرتا
گویا اس عمر میں تو نصیحت بھی الٹا کام کرتی ہے۔ غالب نے خوب کہا تھا:
یہ کہاں کی دوستی ہے کہ بنا ہے دوست ناصح
کوئی چارہ ساز ہوتا کوئی غم گسار ہوتا
مگر بعض اوقات حالات انسان کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتے ہیں اور پھر یہ کہ جن لوگوں سے خدا نے کام لینا ہوتا ہے وہ انہیں چن لیتا ہے، انہیں حکمت و شعور عطا ہو جاتا ہے اور انہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونے لگتا ہے۔
صغیر صفی کے اندر پیدا ہونے والی تبدیلی کے محرکات واضح ہیں کہ اس نے اپنی آنکھوں سے زلزلہ کی تباہ کاریاں دیکھیں۔ ایک ڈاکٹر ہوتے ہوئے لوگوں کے رد عمل کا مشاہدہ کیا۔ اس نے بہت قریب سے بے حس لوگوں کو بربادیوں سے متاع و ملال سمیٹتے ہوئے دیکھا۔ بعد ازاں اسے ایک این جی او کے تحت کام کرنے کا بھی موقع ملا۔ اسے معلوم ہوا کہ وہ انہی لوگوں کی جانیں بچانے پر معمور ہوا جو اس کے مسلمان بھائیوں کو مار رہے تھے اور زخمی ہو کر آتے تھے۔ ان میں امریکیوں کے ساتھ ان کے اپنے بھی شامل تھے۔ اس انکشاف نے اسے مکمل توڑ پھوڑ دیا۔ ظاہر ہے ایک با صلاحیت مسلمان شاعر کے اندر جب ایسی قیامت برپا ہو جائے تو پھر وہ آتش سخن بن کر نکلتی ہے:
انسانی کھالوں کے اندر
ہے جسم چھپا انسانوں کا
زندہ ہیں جس عہد میں ہم
یہ عہد نہیں انسانوں کا
وہ اس سچ سے بخوبی واقف ہے کہ امریکہ اور ان کے حواری دہشت گردی کے نام پر کروسیڈ لڑ رہے اور مسلمانوں کی نسل کشی کرنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن اس کہانی کا دل خراش باب یہ ہے کہ ان کے ساتھ ہمارے اپنے حکمران ملے ہوئے ہیں بلکہ حکمران بنایا اور بنوایا ہی ان کو جاتا ہے جو ان کے ہاتھ پر بیعت کر کے مکمل بے غیرتی اور بے حمیتی کا عہد کرتے ہیں۔ چند سکّوں اور تھوڑی سے عیش و عشرت کے لیے وہ اپنی عاقبت پسِ پشت ڈال دیتے ہیں۔ اپنی ماں دھرتی سے غداری کر کے اپنے مذہب کو بیچ دیتے ہیں۔ وہ جانتا ہے کچھ بے حیا لوگ غیروں کے ایجنٹ بن کر غریب عوام کو اسلام دوستی اور امریکہ سے نفرت کرنے کی سزا دیتے ہیں۔
وہ انہیں جانتا ہے جو پرلے درجے کے بدبخت ہیں کہ وہ جامعہ حفصہ کی ہزاروں بچیوں کو فاسفورس سے بھسم کر کے وکٹری کے نشان بناتے ہیں۔ وہ جو شہریوں کو قتل کرتے ہیں اور وہ جو وکلا جیسے محب وطن لوگوں کو زندہ جلاتے ہیں۔ وہ ان سے شدید نفرت کا اظہار کرتا ہے۔ وہ اس بات سے بھی آگاہ ہے کہ ہم باجوڑ اور وزیرستان میں خود اپنے پیاروں کو مار رہے ہیں اور ان کے ہاتھوں مر رہے ہیں:
تم اس درجہ سفاک نہ تھے
کہ لہو سے اپنے ہاتھ رنگو
ایسے تو نہیں تھے وحشی تم
اپنے ہی بچوں کو کھا لو
بم ان پہ گرے یا تم پہ گرے
اپنا ہی سینہ پھٹتا ہے
زخم ان کو لگے یا تم کو لگے
اپنا ہی کلیجہ کٹتا ہے
ہر مشکل میں جو کام آئیں
مت کاٹو ایسی بانہوں کو
اپنوں کے لیے مرنے والو
مت مارو اپنے لوگوں کو
یقیناً میری طرح صغیر صفی نے بھی سوچا ہو گا کہ خدا نے جو صلاحیتیں اسے دی ہیں۔ اس کے بارے میں جب سوال ہو گا تو جواب کیا بنے گا؟ شاید اسی ذاتی محاسبے نے ا سکی کایا پلٹ دی:
مجھ سے خلوت میں یہ آئینے نے کہا
شاعرِ بے نوا، تو نے یہ کیا کِیا
تذکرے ہیں فقط زلف و رخسار کے
تیری پچھلی کتابوں میں بس جا بجا
میں نے مانا، محبت بڑی چیز ہے
اس کا دنیا میں نعم البدل ہی نہیں
اس کی شدت میں دنیا بھلائے رہو
دردِ دل اس قدر لا دوا بھی نہیں
کتنی مائیں ترے سامنے رات دن
اپنے بیٹوں کی لاشوں پہ روتی رہیں
ان کے دکھ پر نہ کیوں دل پسیجا ترا
عصمتیں جن کی، طاقت سے لوٹی گئیں
اور تو ایسے چپ چاپ بے حس رہا
جیسے ان سے ترا کوئی رشتہ نہ تھا
اس قدر ظلم پر اس طرح بے حسی
شاعرِ بے نوا، تو نے یہ کیا کِیا
صغیر صفی نوجوان نسل کے لیے جرأت اور بے باکی کا استعارہ بنتا ہوا نظر آتا ہے۔ اس نے کیا خوبصورت انداز میں کہا ہے کہ
اڑان جاری تھی دل کے پرند کی پھر بھی
اگرچہ تیر ہزاروں شکستہ پر میں تھے
وہ غیور مسلمانوں کی طرح ہمت نہیں ہارتا۔ اس کے اندر ایک انتقام ہے۔ جس نے اس کے قلم کو تیغ بنا دیا ہے۔ اس کے اشعار تیروں کی طرح دشمن کے سینے میں اترنے والے ہیں۔ اس کے اندر کبھی نہ بجھنے والا دیا روشن ہے جو اس کی رہنمائی کرتا ہے۔ اس کا شمار انہی لوگوں میں ہو گا جو جرأتوں کی داستانیں رقم کرتے ہیں اور اپنے خون سے دیے جلاتے ہیں:
جو بھی شانوں سے سر نکالے گا
بس وہی بال و پر نکالے گا
…
دستِ ظالم سے تو مصلوب نہیں ہونے کے
ہم ترے جبر سے مغلوب نہیں ہونے کے
…
مٹی میں میرے سچ کو اتارا نہیں گیا
میں دشمنوں سے مر کے بھی مارا نہیں گیا
اب آتے ہیں اس کے اس پہلو کی طرف کہ جس سے کسی کو مفر نہیں کہ تمام پریشانیوں اور بے سرو سامانیوں کے باوجود دل ایک پہلو کسی خواب کے لیے دھڑکتا ہے اور انسان اسی خواب کی تعبیر میں ہزاروں خواب بنتا ہے۔ یہ ایک ایسی محرومی اور تشنگی ہے جو اظہار مانگے تو شاعری بن جاتی ہے۔ جمالیات کی یہ دنیا بڑی پرکشش ہے۔ بہت دور کانٹوں میں الجھنے والا بھی اس حادثہ سے دو چار ہوتا ہے۔ کانٹوں کی یہی چبھن اس کے لیے لذت کا سامان ہے اور وہاں غالب یاد آتا ہے کہ جس نے کہا تھا:
جی خوش ہوا ہے راہ کو پر خار دیکھ کر
اس خار زار کی چبھن زندگی بھر کی کسک بن جاتی ہے بلکہ بعض اوقات تو مزاج کا حصہ بھی ایک تخلیق کار کے اس پہلو کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ صغیر صفی بھی اس پہلو میں کئی پہلو رکھتا ہے وہ جہاں بھی اپنی مزاحمتی اور انقلابی اقدام سے سستانے کو واپس آتا ہے تو یادِ یار کا سایہ اسے ایک گونہ آرام دیتا ہے اور وہ فیضؔ کی طرح سوچتا ہے۔
اب بھی دلکش ہے ترا حسن مگر کیا کیجے
مگر وہ اتنا تو ضرور کرتا ہے کہ ان یادوں سے اپنے خالی اور تنہائی زدہ لمحوں میں رنگ بھر دیتا ہے۔ چند اشعار
رو ہی پڑتے ہیں مرے ہاتھ کو جب دیکھتے ہیں
حال قسمت کی لکیروں کا بتانے والے
سوچتا ہوں سیاہ مٹی سے
نقش جب کوزہ گر نکالے گا
…
میں جزیرہ ہوں جس کے چاروں طرف
کوئی پھیلا ہے پانیوں کی طرح
…
تو تخیل سے مرے بڑھ کے حسیں ہے جاناں
حسن تیرا مری غزلوں میں نہیں ہے جاناں
…
اک لاش ہی لے جا کے لگائے یہ ٹھکانے
یہ شہر کہ اتنی بھی مروّت نہیں رکھتا
آخر میں مَیں اس کے لیے دعاگو ہوں کہ خدا اسے اور زیادہ سر افرازی عطا کرے اور اسے اپنی محبت سے نوازے۔ آمین

سعداللہ شاہ

سچے جذبوں کا شاعر

شاعری وارداتِ قلبی اور اظہارِ ذات کا وسیلہ ہے لیکن اس کا نزول ہر ایک پہ نہیں ہوتا۔ اس کے لیے کچھ خاص دل مخصوص ہوتے ہیں جن کا گداز ہونا شرطِ اوّلیں ہے، بلکہ یوں کہنا زیادہ درست ہو گا کہ ایسے دل روزِ اوّل سے ہی مخصوص کر دئیے جاتے ہیں۔
شاعری کو ابلاغ کا موثر ترین ذریعہ مانا جاتا ہے اور اس کی افادیت سے انکار بھی ممکن نہیں۔ سیّد صغیر صفی کا شمار بھی انہی قابلِ قدر لوگوں میں ہوتا ہے جنہیں قدرتی طور پر یہ صلاحیت ودیعت ہوئی ہے۔ صغیر صفی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا ہے کہ وہ نو عمری ہی میں قابلِ قدر شعراء کی صف میں شامل ہو چکا ہے۔ ’’مت مارو اپنے لوگوں کو‘‘ اس کا چوتھا شعری مجموعہ ہے۔ اس سے قبل اس کے تین شعری مجموعے منظرِ عام پر آ کر پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔
صغیر صفی کی شاعری کا مطالعہ کرنے پر یہ بات نمایاں طور پر سامنے آتی ہے کہ وہ نہ صرف غزل اور نظم کہنے میں پوری مہارت رکھتا ہے بلکہ شاعری کی جملہ مروجہ قوانین سے بھی بخوبی آگاہ ہے۔ انقلاب پسندی، محبت، انسانی اقدار، معاشرتی ناہمواری ، نفرت، عداوت، ناانصافی، ظلم و ستم، دشمنی صفیؔ کی شاعری کے نمایاں موضوعات ہیں۔ وہ اپنی بات ایسے نپے تلے انداز میں کرتا ہے کہ قاری کو قائل ہونے میں ہی اپنی عافیت نظر آتی ہے۔ وہ اپنی بات پورے یقین اور اعتماد سے بیان کرتا ہے۔ اس کا لہجہ بے باک لیکن سلجھا ہوا ہے۔ وہ کہیں بھی شائستگی اور لحاظ کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑتا۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی بات میں اثر پذیری کا عنصر بدرجہ اتم موجود ہے۔ اس کی بات براہِ راست دل و دماغ کو متاثر کرتی ہے۔
کبھی تو ظلم و ستم کا رواج بدلے گا
مجھے یقین ہے اک دن سماج بدلے گا
طلوع ہو گا کسی روز امن کا خورشید
چھٹیں گے کل کو جو بادل، یہ آج بدلے گا
سید صغیر صفی کی شاعری کے نمایاں اور خاص وصف میں اس کی انقلابی شاعری کو نمائندہ حیثیت حاصل ہے۔ وہ جابر حاکم کے سامنے کلمۂ حق کہنے کا حوصلہ اور ہمت رکھتا ہے۔
دلوں سے مٹانا ہے ڈر مافیا کا
کچلنے لگا ہوں مَیں سر مافیا کا
اور پھر یہ انداز دیکھیں کہ
دستِ ظالم سے تو مصلوب نہیں ہونے کے
ہم ترے جبر سے مغلوب نہیں ہونے کے
محبت روزِ اول سے ہی انسانی ذات کا اہم جزو اور شاعری کا سب سے بڑا موضوع رہا ہے۔ محبت زندگی کا سب سے طاقتور جذبہ ہے جس کی اہمیت کبھی کم نہیں ہو سکتی۔ صغیر صفی نے محبت کے مضامین کو مضامینِ عالی بنانے میں مکمل مہارت کا ثبوت دیا ہے۔
تیری فرقت نے مرا حال کِیا ہے ایسا
اب مجھے دیکھ کے روتے ہیں رُلانے والے
ہائے افسوس محبت کی غلط فہمی میں
رو کے گزرے ہیں وہ دن ہنسنے ہنسانے والے
صغیر صفی کا دل معاشرتی بے حسی، کج روی اور مفاد پرستی پر کڑھتا ہے لیکن وہ یہاں خاموش نہیں بیٹھتا بلکہ باقاعدہ احتجاج کرتے ہوئے پورے اعتماد اور امید کے ساتھ بولتا ہے۔
جب ہو بغض و عناد اندر سے
کیسے نکلے فساد اندر سے
سب پجاری ہیں چڑھتے سورج کے
سب نے رکھا مفاد اندر سے
ہر فسادی کے بن گئے ساتھی
ختم کرکے جہاد اندر سے
وطن کی محبت فطری جذبہ ہے۔صغیر صفی کا یہ جذبہ بھی اپنے پورے عروج پر دکھائی دیتا ہے۔ اس کی نظمیں خاص طور پر وطن کے جذبے سے سرشار انسان کی ترجمان ہیں۔
میں یہ بات برملا کہہ سکتا ہوں کہ صغیر صفی کا یہ مجموعۂ کلام اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ منظرِ عام پر آئے گا اور مقبولیت کی سند حاصل کرے گا۔
ناز مظفر آبادی
الغزال منزل، مظفر آباد

دربارِ رسالتؐ میں اک التجا

ہوئے ہیں خوار مسلمان کیوں زمانے میں
جھجک ذرا بھی نہیں جن کو دیں لٹانے میں
دراڑیں پڑ گئیں مذہب کی اس عمارت میں
ہزار دکھ سہے تو نے جسے بنانے میں
امام، شیخ، فقیہہ و خطیب اور واعظ
سبھی لگے ہوئے ہیں نفرتیں بڑھانے میں
بھلا کے مہر و وفا کا سبق ہوئی مصروف
مرے نبیؐ تری امت لہو بہانے میں
سبق دیا تھا جنہیں تو نے اشک شوئی کا
لگے ہوئے ہیں غریبوں کو وہ رلانے میں
یہی رہا جو چلن تو خدا نکردہ پھر
خدا کا نام نہ لے گا کوئی زمانے میں
صفیؔ، یزید ہزاروں مقابلے میں ہیں
حسینؓ آج بھی تنہا ہے اس زمانے میں
٭٭٭

حسینؓ کربلا میں ہے

عجیب داستان ہے
لہو لہو فرات ہے
رسولِؐ حق کے دین پر سبھی لٹا دیا گیا
سرِ حسینؓ یعنی اک عظیم سر
جہاں رسولؐ کے ہزار بوسے ثبت تھے
کٹا دیا گیا
حسینؓ کا لہو زمینِ کربلا کو دھو گیا
وہ ننھے پھول کے گلے سے تیر پار ہو گیا
وہ پاکباز بیبیوں کو بے روا کیا گیا
رسولِؐ حق کے خاندان کو شہید کر دیا گیا
عجب ہے یہ جہان بھی
یہاں جزا سزا نہیں
کوئی تو رزم جیت کر بھی دربدر
کٹا کے سر کوئی ہوا ہے معتبر
نواسۂ رسولؐ کے لہو کا ذائقہ ہوا میں ہے
مَیں دیکھتا ہوں آج بھی
حسینؓ کربلا میں ہے
عجیب داستان ہے
لہو لہو فرات ہے
٭٭٭

غزلیں، نظمیں

حاکمِ وقت کہتا ہے جو، وہ لکھو چپ رہو
سچ پہ پہرے لگے ہیں مرے دوستو، چپ رہو
شہرتوں کے لیے غاصبوں کے قصیدے کہو
تم بھی ان جوہڑوں کو سمندر لکھو، چپ رہو

کبھی تو ظلم و ستم کا رواج بدلے گا
مجھے یقین ہے اک دن سماج بدلے گا
طلوع ہو گا کسی روز امن کا خورشید
چھٹیں گے کل کو جو بادل، یہ آج بدلے گا
حساب ہو گا وڈیروں سے تنکے تنکے کا
مرے وطن سے لٹیروں کا راج بدلے گا
فضا میں گونجیں گے اب انقلاب کے نعرے
سڑک پہ نکلے گی دنیا، سماج بدلے گا
ثمر ملے گا کسانوں کو ان کی محنت کا
کہ لوٹ مار کا آخر رواج بدلے گا
بدل ہی لے گا وفاداریاں صفیؔ اپنی
امیرِ شہر کا جب بھی مزاج بدلے گا
٭٭٭

بہت پچھتاؤ گے نفرت بڑھا کے، ہم نہ کہتے تھے
یہاں روزانہ ہوں گے بم دھماکے، ہم نہ کہتے تھے
اگر سیلِ رواں ظلم و ستم کا رک نہ پائے گا
تو اتریں گے عذاب آخر خدا کے، ہم نہ کہتے تھے
یہی بن جائیں گے اس قوم کی تقدیر کے مالک
خدا بیٹھے ہیں جو گھاتیں لگا کے، ہم نہ کہتے تھے
ترس جائے گی یہ مخلوق آخر کار پانی کو
پلٹ آئیں گے پھر دن کربلا کے، ہم نہ کہتے تھے
جہاں موقع ملا پھیلائیں گے یہ عادتاً دامن
گداگر حکمراں ہیں یہ سدا کے، ہم نہ کہتے تھے
سرِ ساحل سفینہ رہنے دو، مت بادباں کھولو
ابھی اچھے نہیں تیور ہوا کے، ہم نہ کہتے تھے
ضرورت ہو گی کشتی کو کسی پتوار کی صاحب
سہارے چل نہیں سکتی دعا کے، ہم نہ کہتے تھے
کہیں ایسا نہ ہو تیری مسیحائی پہ حرف آئے
نہیں ہم لوگ اب قابل شفا کے، ہم نہ کہتے تھے
سجے گی شہر میں بزمِ حریفاں پھر ہمارے بعد
بجیں گے ڈھول بھی کذب و ریا کے، ہم نہ کہتے تھے
صفیؔ پیارے نہ چھوڑو گے اگر رستہ صداقت کا
سہو گے پھر ستم بھی انتہا کے، ہم نہ کہتے تھے
٭٭٭

حرف حرف، لہو لہو

مجھے خط ملا ہے غنیم کا
بڑی عجلتوں میں لکھا ہوا
کہیں رنجشوں کی کہانیاں
کہیں دھمکیوں کا ہے سلسلہ

مجھے کہہ دیا ہے امیر نے
کرو حسنِ یار کا تذکرہ
تمہیں کیا پڑی ہے کہ رات دن
کہو حاکموں کو برا بھلا

تمہیں فکرِ عمرِ عزیز ہے
تو نہ حاکموں کو خفا کرو
جو امیرِ شہر کہے تمہیں
وہی شاعری میں کہا کرو

کوئی واردات کہ دن کی ہو
کوئی سانحہ، کسی رات ہو
نہ امیرِ شہر کا ذکر ہو
نہ غنیمِ وقت کی بات ہو

کہیں تار تار ہوں عصمتیں
مرے دوستوں کو نہ دوش دو
جو کہیں ہو ڈاکہ زنی اگر
تو نہ کوتوال کا نام لو

کسی تاک میں ہیں لگے ہوئے
مرے جاں نثار گلی گلی
ہیں مرے اشارے کے منتظر
مرے عسکری، مرے لشکری

جو تمہارے جیسے جوان تھے
کبھی میرے آگے رکے نہیں
انہیں اس جہاں سے اٹھا دیا
وہ جو میرے آگے جھکے نہیں

جنہیں جان و مال عزیز تھے
وہ تو میرے ڈر سے پگھل گئے
جو تمہاری طرح اٹھے بھی تو
انہیں بم کے شعلے نگل گئے

مرے جاں نثاروں کو حکم ہے
کہ گلی گلی یہ پیام دیں
جو امیرِ شہر کا حکم ہے
بِنا اعتراض وہ مان لیں

جو مرے مفاد کے حق میں ہیں
وہی عدلیہ میں رہا کریں
مجھے جو بھی دل سے قبول ہوں
سبھی فیصلے وہ ہوا کریں

جنہیں مجھ سے کچھ نہیں واسطہ
انہیں اپنے حال پہ چھوڑ دو
وہ جو سرکشی کے ہوں مرتکب
انہیں گردنوں سے مروڑ دو

وہ جو بے ضمیر ہیں شہر میں
انہیں زر کا سکہّ اچھال دو
جنہیں اپنے درش عزیز ہوں
انہیں کال کوٹھی میں ڈال دو

جو مرا خطیب کہے تمہیں
وہی اصل ہے اسے مان لو
جو مرا امام بیاں کرے
وہی دین ہے سبھی جان لو

جو غریب ہیں مرے شہر میں
انہیں بھوک پیاس کی مار دو
کوئی اپنا حق جو طلب کرے
تو اسے زمیں میں اتار دو

جو مرے حبیب و رفیق ہیں
انہیں خوب مال و منال دو
جو مرے خلاف ہیں بولتے
انہیں نوکری سے نکال دو

جو ہیں بے خطا، وہی دربدر
یہ عجیب طرزِ نصاب ہے
جو گنہ کریں، وہی معتبر
یہ عجیب روزِ حساب ہے

یہ عجیب رت ہے بہار کی
کہ ہر ایک زیرِ عتاب ہے
’’کہیں پر شکستہ ہے فاختہ
کہیں زخم زخم گلاب ہے‘‘

مرے دشمنوں کو جواب ہے
نہیں غاصبوں پہ شفیق مَیں
مرے حاکموں کو خبر کرو
نہیں آمروں کا رفیق مَیں

مجھے زندگی کی ہوس نہیں
مجھے خوفِ مرگ نہیں ذرا
مرا حرف حرف، لہو لہو
مرا لفظ لفظ ہے آبلہ
٭٭٭

دلوں سے مٹانا ہے ڈر مافیا کا
کچلنے لگا ہوں میں سر مافیا کا
ہے کلہاڑہ ہاتھوں میں اب ہر کسی کے
کٹے گا یقیناً شجر مافیا کا
کہیں سانس لینے لگی ہے بغاوت
نہیں کارگر اب اثر مافیا کا
وہاں مرقدوں کی قطاریں لگی ہیں
ہوا تھا جہاں سے گزر مافیا کا
مجھے غم نہیں گر بدن اپنا جھلسے
بجھانا ہے میں نے شرر مافیا کا
٭٭٭

ہم سارے لا وارث لاشے

انسانی کھالوں کے اندر
ہے جسم چھپا، حیوانوں کا
زندہ ہیں جس عہد میں ہم
یہ عہد نہیں انسانوں کا

یہ میزائل اور ایٹم بم
قتل و غارت، فتنہ و جنگ
روگ ہے ساری دنیا کا
بھوک، افلاس، علالت، ننگ

ظلم کی دیمک، رفتہ رفتہ
جسم و جاں کو چاٹ رہی ہے
اک تلوار ہے نفرت کی، جو
امن کی گردن کاٹ رہی ہے

خون میں لت پت، سڑکیں کر دیں
مرضی یہ ہتیاروں کی
جس کی چاہیں، عصمت لوٹیں
طاقت پر ہتھیاروں کی

آج کسی کے گھر ہے ماتم
کل اپنا نمبر آئے گا
گلیوں میں گل سڑ جائیں گے
کون ہمیں دفنائے گا

ہمدرد ہمارا کون ہے جو
دکھ درد ہمارے جانے گا
’’ہم سارے لا وارث لاشے
کون ہمیں پہچانے گا‘‘
٭٭٭

ختم ہے کھیل آمریت کا
اب سیاسی دھمال ہوں گے میاں
مل گیا اقتدار چوروں کو
اب نہ منصف بحال ہوں گے میاں
٭٭٭

اپنے کشمیر کو تقسیم نہ ہونے دینا

زہر اترا ہے مرے دیس کی رگ رگ میں، وہ
جس نے چھیدا تھا جگر، پاک وطن کا پہلے
میرے کشمیر کے سینے میں وہی خنجر ہے
جس نے کاٹا تھا جگر، پاک وطن کا پہلے

میرے کشمیر سے لپٹی ہے وہی آگ ابھی
جس کے شعلوں نے جلایا تھا، کبھی پاک وطن
میلی نظروں سے وہ تکتے ہیں مرے دیس کو اب
جن کی آنکھوں میں کھٹکتا تھا کبھی پاک وطن

اے کفن پوش جیالو تمہیں دھرتی کی قسم
تم کبھی چین سے دشمن کو نہ سونے دینا
ہم کٹیں، سولی چڑھیں، جان سے جائیں لیکن
رائگاں خون شہیدوں کا نہ ہونے دینا

فیصلہ اپنا ہے آزادیِ کشمیر فقط
فیصلے میں کوئی ترمیم نہ ہونے دینا
دم قدم سے ہے اسی دیس کے، رونق سب کی
اپنے کشمیر کو تقسیم نہ ہونے دینا
٭٭٭

ہم کہ منت کشِ منجدھار نہیں ہونے کے
ایسا لگتا ہے کہ اب پار نہیں ہونے کے
اس طرح خشک ہوئے اپنی تمنا کے شجر
اب کہ گل ریز و ثمر بار نہیں ہونے کے
جب تلک ہوتی نہیں چشمِ بصیرت روشن
منکشف عشق کے اسرار نہیں ہونے کے
شاید اب شورِ قیامت ہی جھنجھوڑے گا ہمیں
آہ و ماتم سے تو بیدار نہیں ہونے کے
اس طرح پھیل گیا سیمِ غمِ الفت دل میں
اب کہ صیقل در و دیوار نہیں ہونے کے
میرے محبوب ترے حسنِ تغافل کا ثمر
تندرست اب ترے بیمار نہیں ہونے کے
رزق محنت کا کھلاتے نہیں جو بچوں کو
ان کے بچے بھی وفادار نہیں ہونے کے
زندگی اپنی صفیؔ بلبلے جیسی ٹھہری
دوسری بار نمودار نہیں ہونے کے
٭٭٭

سرِ آئینہ

مجھ سے خلوت میں، یہ آئینے نے کہا
شاعرِ بے نوا، تو نے یہ کیا کِیا
تذکرے ہیں فقط زلف و رخسار کے
تیری پچھلی کتابوں میں بس جا بجا

مَیں نے مانا، محبت بڑی چیز ہے
اس کا دنیا میں نعم البدل ہی نہیں
اس کی شدت میں دنیا بھلائے رہو
دردِ دل اس قدر لا دوا بھی نہیں

کتنی مائیں ترے سامنے رات دن
اپنے بیٹوں کی لاشوں پہ روتی رہیں
ان کے دکھ پر نہ کیوں دل پسیجا ترا
عصمتیں جن کی، طاقت سے لوٹی گئیں

کتنی ماؤں کے لخت جگر رات دن
پیاس اور بھوک سے بلبلاتے رہے
بین کرتی ہوئی ماؤں کو دیکھ کر
پتھروں کے جگر منہ کو آتے رہے

کتنے حقدار تھے، جن کی سب فائلیں
دفتروں کے درازوں میں روتی رہیں
بس تھے رشوت، سفارش کے بازار گرم
بھرتیاں اپنی مرضی سے ہوتی رہی

میرے محنت کشوں کے لہو کا خراج
ان وڈیروں کی جیبیں ہی بھرتا رہا
عیش کرتا رہا پھر سے جاگیر دار
کر کے محنت بھی مزدور مرتا رہا

ایک آمر کی مرضی پہ، شام و سحر
پالتو اُس کے، لاشیں گراتے رہے
کر کے معصوم بچوں کو مسجد میں قتل
بے حیا شہر میں دندناتے رہے

میرے شہروں کی گلیوں میں دیوانہ وار
بال کھولے ہوئے، ظلم پھرتا رہا
ظلم کو، ظلم کہنے کی پاداش میں
روز اک نوجواں کٹ کے گرتا رہا

اور تو ایسے چپ چاپ بے حس رہا
جیسے ان سے ترا کوئی رشتہ نہ تھا
اس قدر ظلم پر اس طرح بے حسی
شاعرِ بے نوا تو نے یہ کیا کِیا
٭٭٭

شہرِ مرگ

اے مرے شہر سن!
لوگ سارے ترے مر چکے
کوئی زندہ بچا ہی نہیں
اس قدر ظلم کی بارشیں ہو چکیں
ٹوٹ کر ضبط کے سارے بندھن ہوا ہو گئے
ایسی وحشت ہے
گلیوں میں پھیلی ہوئی
لوگ اب زندگی سے خفا ہو گئے
کوئی زندہ نہیں
کوئی زندہ جو رہتا اگر شہر میں
تیرے دکھ درد پر چپ نہ رہتا کبھی
سسکیاں تیری سن کے تڑپتا سہی
پر یہاں کوئی اس وقت زندہ نہیں
کوئی زندہ اگر ہو تو پھر
ظلم کی وہ دہائی تو دے
کم سے کم آہ کوئی سنائی تو دے
اے مرے شہر سن
لوگ سارے ترے مر چکے…
٭٭٭

تم کیوں چپ تھے؟

جب ظلم نے پھر انگڑائی لی
جب دکھ کی اندھیری رات ہوئی
پھر مسجد کے میناروں پر
جب گولوں کی برسات ہوئی
بندوق کی جلتی گولی سے
پھولوں کی قبائیں چاک ہوئیں
ہر سو گلیوں میں گرد اُڑی
کلیوں کی ردائیں خاک ہوئیں
ہر آنکھ میں خوف کے سائے تھے
ہر رخ پر دہشت طاری تھی
دکھ درد کی ماری یہ دنیا
جب خون کے آنسو روتی تھی
تم کیوں چپ تھے؟ تم کیوں چپ تھے
٭٭٭

اگر یہ میرے بس میں ہو

اگر یہ میرے بس میں ہو
تو اک دنیا بساؤں مَیں
جہاں انصاف کی چڑیاں
ہوائیں، کوئلیں اور بلبلیں
الفت کے نغمے گنگناتی ہوں
جہاں امن و سکوں کی
حوریں اور پریاں
ہمیشہ مسکراتی ہوں
جہاں گل مسلے جائیں
اور
نہ کچلا جائے کلیوں کو
نہ جس میں فاختائیں پر شکستہ ہوں
جہاں لب بستہ ہوں جگنو
نہ جس میں قمریاں
دن رات روئیں
خون کے آنسو
مصائب کے سمندر سب
جہاں پایاب ہو جائیں
جہاں آکاس بیلیں بھوک کی ناپید ہو جائیں
جہاں تشنہ لبی کے دشت بھی سیراب ہو جائیں
جہاں ہتیائیں صبح و شام ہوتی ہوں
نہ جس میں عصمتیں نیلام ہوتی ہوں
جہاں تعلیم کے دریا سبھی شہروں کو بہتے ہوں
جہاں طبی سہولت کی
سبھی نہریں
مرے ہر گھر کو جاتی ہوں
جہاں گنگا نہ بہتی ہو
عبث سرمایہ داری کی
نہ جس میں راجداری ہو
فقط جاگیرداری کی
جہاں مکر و ریا کا بدنما آسیب پلتا ہو
نہ جس میں بے حیائی کا بھیانک دیو بستا ہو
نہ جس میں جھوٹ کے کالے
سیہ بادل گرجتے ہوں
جہاں سچائی کے ہر پل
سریلے ساز چھڑتے ہوں
اگر یہ میرے بس میں ہوں
تو اک دنیا بساؤں مَیں
٭٭٭

مٹی میں میرے سچ کو اتارا نہیں گیا
مَیں دشمنوں سے مر کے بھی مارا نہیں گیا
جیسے کہ مجھ کو چھوڑ کے دنیا چلی گئی
ایسے تو ہر کسی کا سہارا نہیں گیا
ابھرا تھا اک جمال سرِ آئینہ کبھی
اتنا حسین تھا کہ پکارا نہیں گیا
فتنہ مری زمین کا برپا وہاں بھی ہو
مجھ کو ابھی خلا سے گزارا نہیں گیا
چمٹے ہوئے تھے ہاتھ سے پتھر مرے صفیؔ
میرے بدن سے دور کنارہ نہیں گیا
٭٭٭

بات بے بات مرے دل کو دکھانے والے
آ گئے تجھ میں وہی طور زمانے والے
رو ہی پڑتے ہیں مرے ہاتھ کو جب دیکھتے ہیں
حال قسمت کی لکیروں کا بتانے والے
تیری فرقت نے مرا حال کیا ہے ایسا
اب مجھے دیکھ کے روتے ہیں رلانے والے
زہر نس نس میں مری گھول دیا ہے تُو نے
اے مرے دل کے جزیرے میں سمانے والے
ہائے افسوس محبت کی غلط فہمی میں
روکے گزرے ہیں وہ دن ہنسنے ہنسانے والے
چاند راتوں میں تو اب بھی مجھے تڑپاتا ہے
گھر کسی اور کا ہنس ہنس کے بسانے والے
مَیں نے دیکھے ہیں صفیؔ آنسو بھی باتیں کرتے
لوگ مل جائیں اگر سننے سنانے والے
٭٭٭

جو بھی شانوں سے سر نکالے گا
بس وہی بال و پر نکالے گا
اس پہ آئیں گے لازماً پتھر
پھول پھل جو شجر نکالے گا
ابرِ ظلمت کو چیر کر سورج
امن کی اک سحر نکالے گا
اک ہنر چاہیے بنانے کو
آئنہ بام و در نکالے گا
سوچتا ہوں سیاہ مٹی سے
نقش جب کوزہ گر نکالے گا
ایک بے چارگی ہے عالم پر
کون تیر و تبر نکالے گا
اس تماشے کا ہر تماشائی
اپنی جیبوں سے زر نکالے گا
دیکھنا جبر کی فصیلوں سے
دستِ حیدر ہی در نکالے گا
اس قدر اب ہے اس کی سچائی
آئنہ دیکھ کر نکالے گا
ایسا دستِ ہنر یہاں کس کا
وقت سے جو گہر نکالے گا
فیصلہ ہی صفیؔ کوئی آخر
میری راہِ سفر نکالے گا
٭٭٭

بے بسی

ذکر تیرا نہیں ہوتا مرے اشعار میں اب
ٹھیک کہتے ہو تجھے بھول چکا ہوں مَیں بھی
اک جہنم ہے دکھوں کا تری دنیا جاناں
ایسے عالم میں کسے کس کی تمنا جاناں!
تیرے رخسار حسیں پھول ہیں تسلیم مجھے
تیری زلفیں ہیں گھٹائیں کسے انکار یہاں
تیری آنکھیں ہیں سمندر تری پلکیں ساحل
لوگ ہوں گے تری چاہت کے طلبگار یہاں
یہ سبھی اپنی جگہ ٹھیک ہے لیکن جاناں
دیکھ فٹ پاتھ پہ سوتے ہوئے ننگے بچے
بھوک اور پیاس کی شدت میں سلگتے بچے
میرے کشمیر کی وادی میں یہ بارود کی بو
اور یہ مشرقِ وسطیٰ میں بھڑکتے شعلے
بین کرتی ہوئی مائیں ہیں جو کچھ پوچھتی ہیں
کب تلک دیکھیں گی وہ خون میں لت پت بیٹے
میرے قدموں سے لپٹ کر وہ لہو روتے ہیں
ادھ کٹے جسم بہاتے ہوئے دریا میرے
کر کے اک آن میں ویران غریبوں کے مکاں
دندناتے ہوئے پھرتے ہیں یہاں اب قاتل
لوٹ لیتے ہیں سبھی کچھ یہ وڈیرے ہر بار
خون روتا ہے ہمیشہ مرے مزدور کا دل
ایسے عالم میں محبت نہیں کی جا سکتی
ایسی دنیا میں کہاں وصل کا چرچا ممکن
ظلم ایسا ہو تو کیا پیار کے نغمے جاناں!
اتنے دکھ ہوں تو کہاں ہجر کو رونا ممکن
اِس قدر تیز ہے یہ دھوپ غموں کی سر پر
مٹتے جاتے ہیں مرے ذہن سے نقشے تیرے
اِس طرح گھیر لیا ہے غمِ دنیا نے اب
لاکھ چاہوں بھی تو ممکن نہیں چرچے تیرے
ٹھیک کہتے ہو تجھے بھول چکا ہوں مَیں بھی
٭٭٭

کہاں خطائیں ہوئی ہیں ہم سے ہمیں تو کچھ بھی خبر نہیں ہے
مقام کیسا یہ آ گیا ہے کسی دعا میں اثر نہیں ہے
کوئی بشر بھی نہیں ہے محفوظ مسندوں پر ہیں جب سے قاتل
کسی کی دستار چھن گئی ہے کسی کے شانے پہ سر نہیں ہے
ہمیں خبر ہے ہمارے ہاتھوں پہ دنیا بیعت نہیں کرے گی
مگر ہیں ہم بھی حسینی سیّد ہمیں یزیدوں کا ڈر نہیں ہے
یہ ہیر رانجھے کی داستانیں صفیؔ ہمارے لیے نہیں ہیں
جدا جدا سب کے تجربے ہیں یہاں کوئی معتبر نہیں ہے
٭٭٭

کل جو زندہ تھا آئنوں کی طرح
مر گیا آج پتھروں کی طرح
روز مسمار ہوتا رہتا ہوں
کوئی اندر ہے زلزلوں کی طرح
اب تو کچھ بھی، کہیں بھی ممکن ہے
لوگ ملتے ہیں حادثوں کی طرح
اس کی آنکھوں میں جھلملاتے ہیں
میرے اشعار جگنوؤں کی طرح
دل ہے منزل کے شوق میں گم شد
ذہن الجھا ہے راستوں کی طرح
یاد رکھنا کہ مَیں ہی گونجوں گا
تیری محفل میں قہقہوں کی طرح
مَیں جزیرہ ہوں جس کے چاروں طرف
کوئی پھیلا ہے پانیوں کی طرح
روک لو گر جو روک سکتے ہو
مَیں نے بہنا ہے آنسوؤں کی طرح
دل ہے اک بحرِ بے کراں جس میں
حیرتیں گم ہیں کشتیوں کی طرح
اب بھروسہ کسی پہ کیا کرنا
وقت بدلا ہے دوستوں کی طرح
یار ہیں سانپ آستینوں کے
ہر رویہ ہے دشمنوں کی طرح
کون جانے کہ تیری یادوں میں
ایک موسم ہے بارشوں کی طرح
کیوں چمک شہر کی بڑھا کر بھی
لوگ پھرتے ہیں مفلسوں کی طرح
ایسی وحشت ہے اب کہ ویرانہ
مجھ کو لگنے لگا گھروں کی طرح
خود پہ اِترا رہا ہوں مَیں بھی صفیؔ
یہ غزل لکھ کے شاعروں کی طرح
٭٭٭

اک لاش ہی لے جا کے لگائے یہ ٹھکانے
یہ شہر کہ اتنی بھی مروت نہیں رکھتا
٭٭٭

نیوز الرٹ

اپنے اخباروں میں
روز پڑھتا ہوں مَیں
آج پھر
پیاس اور بھوک سے
کتنی مجبور مائیں مری
اپنے معصوم بچے لیے
ایک دریا کی بے رحم لہروں کے آغوش میں سو گئیں
آج پھر
شہر سے سینکڑوں عورتیں لا پتہ ہو گئیں
آج بھی اَن گنت نوجواں
اپنی بے روزگاری سے تنگ آ کے پھر خود کشی کر گئے
آج پھر کتنے مفلس مرے
اپنی غربت کے ہاتھوں لٹے
ہسپتالوں کی دہلیز پر
ایڑیوں کو رگڑتے ہوئے مر گئے
آج بھی
پھر کسی شہر میں بم دھماکہ ہوا
سینکڑوں لوگ مارے گئے
آج بھی
مسجدوں میں لہو پھر بہایا گیا
مفلسوں کے نشیمن جلائے گئے
اپنے اخباروں میں
روز پڑھتا ہوں مَیں
روز جیتا ہوں مَیں
روز مرتا ہوں مَیں
خواب ایسا کسی نے دکھایا نہ تھا
دیس کی ایسی تصویر ہم کو دکھائی نہ تھی
اس طرح کا وطن ہم نے مانگا نہ تھا
ایسی آزادی ہم نے تو چاہی نہ تھی
٭٭٭

اب یہ ممکن نہیں …

نہیں
اب یہ ممکن نہیں
میری آنکھیں تری نرم آنکھوں پہ ٹھہری رہیں
اور مرے دل پہ فرقت کے گھاؤ
ترے وصل کے ایک مرہم کی خاطر ترستے رہیں
تو مرے راستوں میں جفاؤں کے کنکر گراتا رہے
مَیں ترے راستوں میں وفاؤں کی کلیاں بچھاتا رہوں
پچھلے زخموں کا احساس زائل کروں
اپنا دل پھر تری سمت مائل کروں
اب یہ ممکن نہیں
اب یہ ممکن نہیں ہے
٭٭٭

لا علاج

یہ جو خواہشوں کے جگنو
سرِ چشم جل بجھے ہیں
کئی قافلے وفا کے
سرِ راہِ دِل لٹے ہیں

انہیں کیا کریں مسیحا
وہ جو دل ہوئے ہیں روگی
جنہیں نفرتوں نے مارا
انہیں کیا بتائیں جوگی

کبھی عدلیہ پہ حملے
کبھی مسجدوں میں جھگڑے
کبھی خون کی تجارت
کبھی عصمتوں کے سودے

کوئی حاکمِ کلیسا
کوئی مسجدوں میں صوفی
کوئی ہے امیرِ گرجا
کوئی مندروں کا والی

مَیں امیر ہوں، وہ مفلس
وہ دیہاتی ہے، مَیں شہری
یہاں باپ بیٹا دشمن
یہاں بھائی بھائی بیری

یہ پٹھان، کاشمیری
یہ بلوچی ہے وہ سندھی
کوئی شیخ، کوئی ملّاں
کوئی شاہ کوئی قاضی

نہیں ایک ہونے دیتے
ہمیں اپنے اپنے فتنے
کئی نسلیں کھا گئے ہیں
یہ زمین و زر کے جھگڑے

کہیں حسرتوں کی بولی
کہیں خواب ٹوٹتے ہیں
کہیں مفلسوں کے چہرے
کوئی راہ ڈھونڈتے ہیں

کہیں آنگنوں میں فاقے
کہیں بولیاں گھروں کی
ہمیں مار دیں گی اک دن
یہ عداوتیں دلوں کی

ہمیں لے کے بہہ رہا ہے
یہ عداوتوں کا دھارا
ہمیں موت سے گلہ کیا
ہمیں زندگی نے مارا
٭٭٭

حاکمِ وقت کہتا ہے جو، وہ لکھو، چپ رہو
سچ پہ پہرے لگے ہیں مرے دوستو، چپ رہو
رات دن قتل سڑکوں پہ معصوم ہوتے رہیں
سر جھکائے ہوئے ظلم سہتے رہو، چپ رہو
شہرتوں کے لیے غاصبوں کے قصیدے کہو
تم بھی ان جوہڑوں کو سمندر لکھو، چپ رہو
حاکمِ وقت نے مجھ کو بھیجا ہے پیغام یہ
جو اماں جان کی چاہتے ہو سنو، چپ رہو
آج بھی اپنی واعظ سے بنتی نہیں اس لیے
مجھ سے کہتا ہے وہ جھوٹ کو سچ لکھو، چپ رہو
لشکری جو بھی کہتے ہیں اس کے، صفیؔ وہ کہو
خلقتِ شہر کہتی ہے جو، مت کہو، چپ رہو
٭٭٭

گھر ہیں ویران کہاں بستے ہیں
اب وہ مہمان کہاں بستے ہیں
رشک کرتے تھے فرشتے جن پر
اب وہ انسان کہاں بستے ہیں
جن کی دہشت سے لرزتے تھے عدو
وہ مسلمان کہاں بستے ہیں
اب کے ڈھونڈیں کہاں صدیقؓ و علیؓ
عمرؓ و عثمانؓ کہاں بستے ہیں
اپنے مالک کے وفادار ہوں جو
ایسے دربان کہاں بستے ہیں
عدل و انصاف کا پیکر تھے جو
اب وہ سلطان کہاں بستے ہیں
دل میں ڈیرے ہیں ہوس کے ہر سو
اب وہ ایمان کہاں بستے ہیں
٭٭٭

پچھتاوا

اتفاقاً مَیں کل شام کو شہر میں
ایک بچھڑے ہوئے دوست سے مل لیا
دیکھ کر اس کا رنگِ پریدہ مجھے
اپنے سینے میں دل ٹوٹتا سا لگا

گرم جوشی سے اک دوسرے کو ملے
چند جملے سلام و دعا کے کہے
اور پھر ڈال کر ہاتھ میں ہاتھ ہم
ایک جانب کو ہنستے ہوئے چل دئیے

مَیں نے پوچھا ’’کہاں کھو گئے تھے جناب
اس جدائی کا کیا ہے پیارے سبب‘‘
مجھ سے کہنے لگا ’’کیا بتاؤں تجھے
کھیل کھیلا ہے تقدیر نے کیا عجب

اپنی غربت سے تنگ آ کے اک دن صفیؔ
سارا کچھ چھوڑ کر شارجہ آ گیا
رشتے ناتے سبھی بھول کر مَیں فقط
کام کرتا رہا، کام کرتا رہا

بے خبر ہو کے سارے زمانے سے مَیں
بس شب و روز دولت کماتا رہا
مال جو بھی اکٹھا کیا، اس سے پھر
شہر میں ایک اچھا سا گھر لے لیا

وقت کٹتا رہا، دن گزرتے رہے
بس اسی دوڑ میں دس برس کٹ گئے
دس برس کوئی تھوڑا سا عرصہ نہیں
کتنے موسم مری آس میں کھو چکے

ان کا دیدار بھی مَیں نہیں کر سکا
میرے ماں باپ مجھ سے جدا ہو گئے
رشتہ داروں کی جب بھی ضرورت پڑی
دیکھتے دیکھتے سب ہوا ہو گئے

گھر کی دہلیز پر بہنیں بوڑھی ہوئیں
تکتے تکتے مرا راستہ آخرش
مَیں نے پردیس کاٹا تھا جس کے لیے
وہ بھی مجھ سے جدا ہو گیا آخرش

بھول اپنی کا احساس ہے اب مجھے
جو مرا دل، جگر کاٹتا ہے صفیؔ
ایک پچھتاوا ہے رات دن جو مرا
مثلِ دیمک لہو چاٹتا ہے صفیؔ
٭٭٭

حالِ دلِ شکستہ وہ جب جان جائے گا
تھوڑی سی ضد کرے گا مگر مان جائے گا
کیسا یہ موڑ دل کی شریعت میں آ گیا
الفت اگر نبھاؤں تو ایمان جائے گا
منصف بھی جب نہ ظلم سے محفوظ رہ سکے
انصاف ڈھونڈنے کہاں انسان جائے گا
جائے گی زندگی میں نہ ملنے کی آرزو
جو جان جائے گی تو یہ ارمان جائے گا
اس کی جفا نے مجھ کو سخن ور بنا دیا
سر سے مرے نہ اس کا یہ احسان جائے گا
٭٭٭

ہوا کے نوحے …

غریب لوگوں کا درد کیا ہے؟
تمہیں خبر ہی نہیں ہے لوگو
ہو اکے ہونٹوں سے قفل توڑو
ہوا کے نوحے سنو تو جانو
وہ مائیں جن کے جگر کے ٹکڑے
گھروں سے نکلے تھے منہ اندھیرے
مگر پلٹ کر نہیں وہ آئے …
وہ باپ، معصوم بیٹیاں جن کی
لشکری ساتھ لے گئے تھے
کئی برس بعد بھی ابھی ان کی واپسی کی خبر نہیں ہے
وہ بیبیاں جن کے بم دھماکوں میں ہنستے بستے
سہاگ پل میں اجڑ گئے تھے
وہ جن کے سینے بکھر گئے تھے
ابھی تلک اپنے پیاروں کی راہ دیکھتی ہیں
یتیم بچوں کا کرب کیا ہے
غریب لوگوں کا درد کیا ہے
تم ان کے دکھ درد کیسے جانو
ہوا کے ہونٹوں سے قفل توڑو
ہوا کے نوحے سنو تو جانو
٭٭٭

حرفِ ندامت

اے وطن!
تجھ سے نادم ہوں مَیں اُس گھڑی کے لیے
جب ترے حسن کو تیرے دشمن
شب و روز برباد کرتے رہے
اور مَیں چپ تھا کہ سالم ہیں پندار
سب بام و در کے مرے
تیرے اُس پار ہر کوئی پیر و جواں
آبروئے چمن کے لیے روز کٹتا رہا
تیرے اِس پار میں زخم تیرے بھلا کر
فقط ایک بوسے کی خواہش میں جلتا رہا
تیرے دریا مجھے دکھ بھری داستانیں سناتے رہے
جھیل ڈل میرے اپنوں کے خوں سے لہو رنگ تھی
ادھ کٹے جسم دریا بہاتے رہے
بین کرتی ہوئی ماؤں، بہنوں کی آہیں ہواؤں میں شامل رہیں
اور مَیں ایسے چپ چاپ بے حس رہا
جیسے تجھ سے مرا کوئی رشتہ نہ تھا
قرض تھے مجھ پہ دکھ درد تیرے مگر
خوابِ غفلت میں ڈوبا ہوا رات دن
مَیں محبت کے بس گیت لکھتا رہا
میرے کشمیر، مَیں ایک مجرم ترا
اپنی اس بے حسی کے لیے
اپنے پیارے عزیزوں کی لاشوں پہ جب
ایک پتھر بنا دم بخود ہی رہا
تیری جلتی ہوئی کھیتیوں پر نظر میری پڑتی بھی کیا
مَیں تو خوشیوں کا اپنی تمنائی تھا
تیری جانب نظر یہ اٹھی بھی اگر
دوسروں کی طرح مَیں بھی بس اک تماشائی تھا
مَیں بھی ہرجائی تھا، مَیں بھی ہرجائی تھا
خوابِ غفلت سے جو آج جاگا ہوں مَیں
کر رہے ہیں مرے لفظ سارے ملامت مجھے
تیری اجڑی ہوئی وادیوں کی قسم
اب سدا تیرے نغمے ہی گاؤں گا مَیں
یہ سخن میرا تیری امانت رہا
دکھ ترا رات دن اب بٹاؤں گا مَیں
اب فقط تیری مظلومیت میری آہوں میں ہے
میری نظروں میں اب کچھ بھی جچتا نہیں
بس ترا ہی سراپا نگاہوں میں ہے
میرے کشمیر، میرے سنہرے وطن
آج مجرم بنا سامنے مَیں ترے سرنگوں ہوں کھڑا
پاس میرے نہیں ہے صفائی میں کچھ
بس ندامت بھرے اشک ہی اشک ہیں
میرے دکھ سے مجھے آج پہچان تو
اے وطن تجھ سے نادم ہوں مَیں…
تجھ سے نادم ہوں مَیں …
٭٭٭

جو ذکرِ چشمِ تر چلا تو مَیں نے سب چھپا دیا
کسی کو کچھ بتا دیا، کسی کو کچھ بتا دیا
کبھی تو وہ بھی گزرے گا، مرے دیارِ خواب سے
مجھے اسی خیال نے، کبھی کبھی سلا دیا
مثالِ ریگِ دشت مَیں پڑا ہوا تھا چین سے
مجھے ہوائے وقت نے اِدھر اُدھر اُڑا دیا
شجر کی سبز شاخ کا، مَیں ایک خشک پات تھا
مجھے ہوا نے پچھلی رات خاک میں ملا دیا
رہا مزاجِ یار بھی عجیب دھوپ چھاؤں سا
کبھی مجھے رُلا دیا، کبھی مجھے ہنسا دیا
عدو بھی جس کا آج تک نہ بال بیکا کر سکا
اسی چمن کو سازشوں نے یار کی جلا دیا
نکل پڑا تھا ایک دن مَیں خود کو ڈھونڈتے صفیؔ
مری تلاش نے مجھے خدا سے پھر ملا دیا
٭٭٭

بجٹ

کھیل جاری ہوا
ایک منظر پہ آنکھیں جمی ہیں سبھی
اک مداری کے ہاتھوں میں کچھ نوٹ ہیں
جو انہیں اپنے کچھ من پسندوں میں تقسیم کرتا ہے اور
بھول جاتا ہے پھر
اُس کے ان آلہ کاروں کے اونچے محلات میں
کتنی آسائشوں کے مگر مچھ ہیں
جن کے کبھی پیٹ بھرتے نہیں
اس مداری کے چیلوں کے دل میں کئی ناگ ہیں
مال و زر کی ہوس کے
جو مرتے نہیں
اس مداری کی تقسیم کردہ رقم
اصلی حقداروں کی دسترس میں نہیں
سینموں اور مے خانوں میں جا کے بٹتی ہے یہ
راستوں میں کئی لاکھ
مردہ ضمیروں کا بھی رزق بنتی ہے یہ
ہائے مردہ ضمیروں کی یہ عالمی منڈیاں
اپنے پنجوں میں ہیں
کتنے حقداروں کا حق دبوچے ہوئے
اس مداری کے پیاروں کے روشن محلات میں
خواہشوں کی کنیزوں کا اک پل کو بھی
رقص رکتا نہیں
اور حقداروں کی جھونپڑی میں
گھڑی بھر بھی خوشحالی کا دیپ جلتا نہیں
پچھلے اکسٹھ برس سے مسلسل یہی کھیل جاری ہے بس
ایک منظر پہ آنکھیں جمی ہیں سبھی
دیکھتے ہیں سبھی
کوئی آنکھیں جھپکتا نہیں
کوئی پردہ سرکتا نہیں
اور منظر بدلتا نہیں
٭٭٭

انفیکشن

تجھے کہتا نہیں تھا مَیں
اگر جسمِ وفا میں وسوسوں کے
چند جرثومے چلے جائیں
تو وہ زندہ نہیں رہتا
٭٭٭

امن مر جائے گا

رات پچھلے پہر
اپنے کمرے میں خاموش بیٹھا ہوا
زندگی کے کئی لاکھ الجھے سوالوں میں تھا
مَیں خیالوں میں تھا
جب مرے در پہ ہلکی سی دستک ہوئی
پہلے مَیں نے فقط وہم سمجھا اسے
اور اپنے خیالوں میں کھویا رہا
یوں ہی سویا رہا
پھر سے دستک ہوئی
اب کے ہوتی رہی
مَیں نے اس مرتبہ
اٹھ کے پوچھا اسے
’’کون ہو اور کیا چاہیے؟‘‘
روکے کہنے لگا ’’امن ہوں اس گھڑی بس پنہ چاہیے
مَیں کہ ظلم و تشدد کے پہرے میں ہوں
اور میرے تعاقب میں ہیں اس گھڑی قافلے
روز تھانہ کچہری میں پٹتا ہوں مَیں
مسجدوں، درسگاہوں میں بکتا ہوں مَیں
تیرے شہروں کی گلیوں میں
کیسے سسکتا ہوں مَیں
ظلم نے آج دل سے تہیہ کِیا ہے
مجھے جان سے مار دے
آج چوکھٹ پہ مَیں
ہر کسی کی گیا ہوں پنہ ڈھونڈنے
پر کوئی مجھ کو پہچانتا ہی نہیں
موت کا خوف اور مال و زر کی ہوس
پاؤں کی بیڑیاں ہیں سبھی کے لیے
آج کوئی مرا ساتھ دیتا نہیں
بھاگتے بھاگتے
تیرے دروازے پر آ گیا ہوں صفیؔ
مَیں نے سن رکھا ہے
ظلم دشمن ہے تُو
ظالموں، غاصبوں کا مخالف ہے تُو
اب بچا لے مجھے
امن مر جائے گا
امن مر جائے گا
٭٭٭

برونِ در سبھی دشمن مری نظر میں تھے
مگر چھپے ہوئے قاتل مرے ہی گھر میں تھے
اڑان جاری تھی دل کے پرند کی پھر بھی
اگرچہ تیر ہزاروں شکستہ پر میں تھے
مری طرح سبھی دار و رسن تلک پہنچے
جو دوست سچ کے مسلسل کسی سفر میں تھے
٭٭٭

ہاں بظاہر بھلا نہیں ہوں مَیں
دل کا لیکن برا نہیں ہوں مَیں
اس قدر احتیاط تھی مجھ میں
بے محابا جلا نہیں ہوں مَیں
آندھیاں آ گئیں ہیں بستی میں
پھونک سے جب بجھا نہیں ہوں مَیں
مجھ سے ڈرتی ہو کس لیے اتنا
ساعتو! حادثہ نہیں ہوں مَیں
مختلف ہو گیا ہوں یوں سب سے
اب کسی سا رہا نہیں ہوں مَیں
میرا مرنا تھا میری چالاکی
تیرے ہاتھوں سے اڑ گیا ہوں مَیں
مجھ پہ قابو نہیں ہے اب تیرا
دسترس میں تری بنا ہوں مَیں
سب رہے میری پردہ پوشی کو
اور کسی کی قبا نہیں ہوں مَیں
جس کے دل میں منافقت تھی صفیؔ
ساتھ اس کے چلا نہیں ہوں مَیں
٭٭٭

دیس کی خاطر جو دیتے تھے نذرانہ اپنی جانوں کا
کس نے رستہ دکھلایا ان لوگوں کو ایوانوں کا
کیا جینا ہے، کیا مرنا ہے، ہم جیسے انسانوں کا
سکھ کی آس میں زندہ رہنا دھوکا ہے نادانوں کا
شب کی سیاہی میں بھی جن کی نظریں چوکس رہتی تھیں
رفتہ رفتہ رزق ہوئے ہیں یورپ کے مے خانوں کا
کل تک جو رکھوالے تھے گلشن کے چپے چپے کے
آج بدل کر بھیس ہیں بیٹھے ہم میں وہ سلطانوں کا
جان ہتھیلی پر رکھ کے وہ نکلے تو پھر جان بھی یوں دی
شمع کے ہالے میں بھی لرزاں خون تھا سب پروانوں کا
جب بھی وقت نے کروٹ بدلی جب بھی اچھا لمحہ آیا
پھر سے بدستِ خواب فروشاں قتل ہوا ارمانوں کا
منزل دور بہت ہے ہم سے اور جانا بھی لازم ہے
اپنے آگے آج دھرا سب بوجھ ہے اپنے شانوں کا
مر کر جینے والے ہم ہیں، مٹ کر بننے والے ہم ہیں
وقت حوالہ بن جاتا ہے ہم جیسے دیوانوں کو
٭٭٭

نامراد (ایک اعلیٰ امریکی عہدے دار کے بیان کے جواب میں)

بہت تجھ کو امریکہ
مہنگی پڑے گی
حجازِ مقدس پہ حملے کی کوشش
کہ ان کے تحفظ کی خاطر
سروں پر
کروڑوں مسلماں
کفن باندھ لیں گے
جو بازو اٹھیں گے
انہیں توڑ دیں گے
جو آنکھیں اٹھیں گی
انہیں پھوڑ دیں گے
ترا حال بھی ہو گا نمرود و فرعون جیسا
کہانی نہیں ابرہہ کی پڑھی کیا؟
خدا نے بچائے تھے کیسے
مقدس مقامات اپنے
کبھی پورے ہوں گے
نہیں تیرے سپنے
کبھی بر نہیں آئے گی تیری خواہش
بہت تجھ کو امریکہ
مہنگی پڑے گی
حجازِ مقدس پہ حملے کی کوشش
٭٭٭

سوچتے کیا ہو؟

دل میں دشمن کے کھٹکتا ہے یہ کانٹے کی طرح
اور محافظ بھی بنے بیٹھے ہیں دزدانِ چمن
سوچتے کیا ہو، مرے دیس کے پیارے لوگو
اب اٹھو بھی کہ ہے مشکل میں مرا پاک وطن

چشمِ عالم نے سلامت نہیں دیکھا وہ نگر
جس کی چھاتی پہ محافظ بھی چڑھے ہوتے ہیں
ایک اٹھتا ہے اگر پرچمِ انصاف لیے
سینکڑوں بکنے کو تیار کھڑے ہوتے ہیں

حسبِ معمول ہیں پابندِ سلاسل حق گو
جو بکاؤ ہیں ثمر بار ہوئے جاتے ہیں
اپنی جانوں کے گنوانے کا ہمیں خوف ہو کیوں
جبکہ احباب سرِ دار ہوئے جاتے ہیں

شہر یاراں میں کوئی گوش بر آواز نہیں
کس طرف رہ گئے احباب ہمارے لوگو
پھڑپھڑاہٹ ہے پروں میں نہ چمک آنکھوں میں
مضمحل ہو گئے اعصاب ہمارے لوگو

کوئی ہمدرد مرے دیس کی قسمت میں نہیں
جو بھی آتا ہے فقط دیس لٹانے کو ہے
میرے شمشیر بکف، اے مرے تابندہ سپر
کھول آنکھیں کہ وطن ہاتھ سے جانے کو ہے
٭٭٭

جب ہو بغض و عناد اندر سے
کیسے نکلے فساد اندر سے
سب پجاری ہیں چڑھتے سورج کے
سب نے رکھا مفاد اندر سے
پیار اور اتفاق باہر ہے
رنجشیں اور تضاد اندر سے
غم کا دھوکہ دیا ہے لوگوں کو
ہم رہے شاد باد اندر سے
ہر فسادی کے بن گئے ساتھی
ختم کر کے جہاد اندر سے
ایک طوفان میں نے دیکھا ہے
کچھ نہیں ابر و باد اندر سے
اب بھی ساتھی یزید کا ہے کہیں
ایک ابنِ زیاد اندر سے
٭٭٭

آزاد نہیں تم …

کیوں چھپ کے گھروں میں بیٹھے ہو
جب کہتے ہو، آزاد ہیں ہم
کیوں دل ہی دل میں روتے ہو
جب کہتے ہو، دل شاد ہیں ہم

جب ظلم کی چکی میں انسان
دن رات مسلسل پستے ہوں
جب اکسٹھ سالوں کے گھاؤ
تازہ ہوں ابھی اور رِستے ہوں

جب قفل لگے ہوں ہونٹوں پر
اور سارے گونگے بہرے ہوں
سچ جھوٹ میں کون تمیز کرے
جب عقل پہ خوف کے پہرے ہوں

جب ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہوں
اور پاؤں میں زنجیریں ہوں
جب ہاتھ میں دشمن لوگوں کے
اک گلشن کی تقدیریں ہوں

جب مالی خود ہی گلشن کی
بنیادیں کھوکھلی کرتے ہوں
جب نام پہ دہشت گردی کے
معصوم ہزاروں مرتے ہوں

جب محسن گھر قیدی بن جائیں
اور دہقان بھوکا سو جائے
جب منصف تک محفوظ نہ ہوں
اور مسجد مقتل ہو جائے

جب اپنے، نہتے لوگوں پر
بم پر بم برساتے ہوں
جب قوم کے لیڈر سڑکوں پر
آسانی سے مر جاتے ہوں

جب اپنے مطلب کی خاطر
سب چور اکٹھے ہو جائیں
بدمست نشے میں طاقت کے
سب کر گزریں جو، وہ چاہیں

جب اپنے شہر ہی مقتل ہوں
اور اپنے گھر ہی زنداں ہوں
جس دیس کا ایسا عالم ہو
آزاد وہاں کیا انساں ہوں

اک پل، تنہائی میں سوچو
افسردہ ہو سب، شاد نہیں ہو
اے ہم وطنو! محسوس کرو
قید ہو تم، آزاد نہیں ہو
٭٭٭

دستِ ظالم سے تو مصلوب نہیں ہونے کے
ہم ترے جبر سے مغلوب نہیں ہونے کے
پھر کوئی زخم بنا لیں گے حوالہ اپنا
ہم ترے عشق سے منسوب نہیں ہونے کے
اپنے اشعار بھی تقلیدِ زمانہ ہوں گے
غیر معروف یہ اسلوب نہیں ہونے کے
ہم نے چھوڑا نہیں رستہ کبھی سچائی کا
ہم کسی شخص سے محجوب نہیں ہونے کے
اس طرح کرتی رہی دنیا اگر سنگ زنی
کل سے اس شہر میں مجذوب نہیں ہونے کے
جن بھی رستوں پہ صفیؔ ہم نے اٹھائے ہیں قدم
تا قیامت کبھی معیوب نہیں ہونے کے
٭٭٭

گیت

کسی کو دیکھتے ہی جب جوانی گنگناتی ہے
یہی لمحہ ہے جب دل میں محبت سر اٹھاتی ہے

کسی کے ساتھ رہنا جب بہت اچھا لگے دل کو
اچانک جب کوئی صورت دل و جاں میں سما جائے
جدائی کا تصور بھی رگِ جاں کو ہلا ڈالے
حقیقت میں کوئی جب اس قدر نزدیک آ جائے
تبسم کے شگوفے پھوٹنے لگتے ہیں ہونٹوں پر
نظر جب بے ارادہ چپکے چپکے مسکراتی ہے
یہی لمحہ ہے جب دل میں محبت سر اٹھاتی ہے
کسی کے نرم و نازک دل پہ جو دکھ ہوں گراں پہلے
وہی ہنس کر یہ دل سہنے کو جب تیار ہو جائے
ملن کی آرزو جب رات دن بے چین کرتی ہو
جدائی جب کسی کی باعثِ آزار ہو جائے
کسی کا نام سن کر لڑکھڑائے دل کی دھڑکن جب
عجب سی سرسراہٹ جسم و جاں میں سرسراتی ہے
یہی لمحہ ہے جب دل میں محبت سر اٹھاتی ہے

اسی کی یادوں سے تنہائی میں محفل سجا لینا
تصور میں اسی کے پھر بھری محفل میں کھو جانا
اکیلے میں اسے پہروں وفا کی داستاں کہنا
اسی کو سامنے پا کر بہت چپ چاپ ہو جانا
کسی سے حال دل کہنے میں جب بھی خوف آتا ہے
نگاہیں جھکنے لگتی ہیں زباں جب لڑکھڑاتی ہے
یہی لمحہ ہے جب دل میں محبت سر اٹھاتی ہے
کسی کو دیکھتے ہی جب جوانی گنگناتی ہے
یہی لمحہ ہے جب دل میں محبت سر اٹھاتی ہے
٭٭٭

دو شعر

تھم جائیں اگر اشک تو جلتا ہے مرا دل
رونے جو لگوں مجھ کو دلاسہ نہیں دینا
بھوکا ہی سلا دینا تھپک کر مجھے ہر شب
ہاتھوں میں مرے، ماں کبھی کاسہ نہیں دینا
٭٭٭

گیت

تو تخیل سے مرے بڑھ کے حسیں ہے جاناں
حسن تیرا مری غزلوں میں نہیں ہے جاناں
تیری آنکھیں ہیں چمکتے ہوئے ہیروں کی مثال
تیری صورت ہے اجالوں سی، تری زلف ہے رات
درد کیسا بھی ہو درماں ہے تری ایک نظر
تیرے ہونٹوں کا تبسم ہے مجھے آبِ حیات
خامشی میںبھی تری مخفی ہیں سنگیت کئی
تو نہ بولے بھی تو چھڑ جاتی ہے سرگم جیسے
وقتِ گریہ ترے رخسار پہ بہتے آنسو
غسل دیتی ہے گلِ لالہ کو شبنم جیسے
وقتِ رفتار ہر اک چاپ پہ تیری دلبر
کتنے نغماتِ محبت کی رگِ جاں ٹوٹے
وقتِ گفتار وہ ہونٹوں پہ لرزتے الفاظ
جیسے یاقوت کی سِل چیر کے جھرنا پھوٹے
جسم تیرا ہے مہکتی ہوئی کلیوں کی طرح
جانِ گل! تو جسے چھو لے اسے چھاگل کر دے
ساعتِ وصل یہ محسوس کیا ہے مَیں نے
تیری قربت میں وہ جادو ہے کہ پاگل کر دے
تو تخیل سے مرے بڑھ کے حسیں ہے جاناں
حسن تیرا مری غزلوں میں نہیں ہے جاناں
٭٭٭

دہشت گرد

اب وہ چبھتے ہیں ان کی آنکھوں میں
جن کا تارہ رہے کبھی یہ مرد
جو مجاہد تھے کچھ برس پہلے
کس طرح ہو گئے وہ دہشت گرد

حاکمِ وقت کی یہ مرضی ہے
جس کی قسمت میں چاہے جو لکھ دے
ظالموں کو وہ کہہ دے امن پسند
امن والوں کو جنگجو سمجھے

جب ضرورت پڑے تو لوگوں کی
پیٹھ تھپکے انہیں دلاسے دے
جب نکل جائے اس کا مطلب تو
ان کی گردن پہ پاؤں بھی رکھ دے

جب تلک روس تھا سپر طاقت
اس کی آنکھوں میں وہ کھٹکتا تھا
یہ مجاہد ہی تھے کہ جن کی پیٹھ
دستِ دولت سے وہ تھپکتا تھا

جب تلک تھا مفاد پیشِ نظر
کون الفت کا دم بھی بھرتا تھا
لڑتے تھے روس میں مجاہد جب
کون پھر لاڈ ان سے کرتا تھا

یہ مجاہد وہی تو ہیں جن کی
حکمرانوں نے کل حمایت کی
جب تلک تھا مفاد ان کا صفیؔ
ٹوٹ کر ان سے پھر محبت کی

اب جو مطلب نکل گیا ہے تو
کہہ رہے ہیں انہیں کو دہشت گرد
اب وہ چبھتے ہیں ان ہی آنکھوں میں
جن کا تارہ رہے کبھی یہ مرد
٭٭٭

اک ستارے کی رفاقت میں سفر کرتے ہیں
مت ہمیں پوچھ کہ شب کیسے بسر کرتے ہیں
اپنے اشعار رلاتے نہیں یونہی سب کو
دل سے نکلے ہیں تو پھر دل پہ اثر کرتے ہیں
یہ سخن ور بھی چراغوں کی طرح ہوتے ہیں
عمر بھر جل کے اندھیروں میں سحر کرتے ہیں
جو رکاوٹ ہے صفیؔ دیس کی خوشحالی میں
ہم اسی ظلم کی دیوار کو در کرتے ہیں
٭٭٭

پلٹ آؤ

وہی رت ہے وہی موسم
ابھی کچھ بھی نہیں بدلا
دل و جاں کے سمندر میں
ابھی جذبات کی لہریں
اسی صورت اچھلتی اور مچلتی ہیں
ابھی آنکھوں کی جھیلوں میں
کنول سپنوں کے تازہ ہیں
ابھی ہونٹوں کی چوکھٹ پر
دعاؤں کے دیے بھی جھلملاتے ہیں
ہمارے گیت سننے کو
فضائیں گوش بر آواز ہیں اب بھی
دہانے پر کسی آتش فشاں کے
نغمہ زن سب ساز ہیں اب بھی
ابھی طیور کی عشرت نواحی
آہ و ماتم میں نہیں بدلی
فصیلِ جسم پر محرومیوں کی کائی بھی
اگنے نہیں پائی
ابھی دل کے فلک پر
چاند تیری یاد کا گہنا نہیں لیلیٰ
ابھی چپ کا کفن پہنا نہیں لیلیٰ
پلٹ آؤ
٭٭٭

کہاں سکت اڑان کی پروں میں تھی
فقط ہوا بھری ہوئی سروں میں تھی
ترستے تھے جسے مکیں محلوں کے
وہ نکہتِ سکوں مرے گھروں میں تھی
دلِ شکستہ کے شگاف بھر سکیں
کہاں مجال آئنہ گروں میں تھی
جو سبز شال کل مزار پر چڑھی
وہ آج پیرِ شہر کے گھروں میں تھی
متاعِ جاں لٹا کے بھی حزیں نہ تھے
طمانیت عجیب خود سروں میں تھی
صفیؔ مَیں مر مٹا تو مجھ پہ یہ کھلا
وہ مہربان بھی ستم گروں میں تھی
٭٭٭

مت مارو اپنے لوگوں کو

تم اس درجہ سفّاک نہ تھے
کہ لہو سے اپنے ہاتھ رنگو
ایسے تو نہیں تھے وحشی تم
اپنے ہی بچوں کو کھا لو

کیوں بھول گئے ہو تم پیارو
سِکّوں کی لالچ میں آخر
بندوق اٹھا لی اپنوں پر
غیروں کے مقاصد کی خاطر

بم ان پہ گرے یا تم پہ گرے
اپنا ہی سینہ پھٹتا ہے
زخم ان کو لگے یا تم کو لگے
اپنا ہی کلیجہ کٹتا ہے

اب تم ہارو یا وہ ہاریں
جیتے گا دشمنِ عالم ہی
جس سمت گریں لاشیں پیارو
ہے اپنے گھر کا ماتم ہی

ہر مشکل میں جو کام آئیں
مت کاٹو ایسی بانہوں کو
اپنوں کے لیے مرنے والو
مت مارو اپنے لوگوں کو
٭٭٭

٭٭٭
فائل فراہمی کے لئے ش زاد اور اجازت کے لئے شاعر کے تشکر کے ساتھ
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مت مارو اپنے لوگوں کو