اردو شاعری و کلام

شاعری

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (4,295 الفاظ)

محبت ہار جاتی ہے

سورج ہاشمی

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

نعت

بالیقیں آپ ہیں ذیشان مدینے والے جان و دل آپ پہ قربان مدینے والے

ان کا فرمان ہے فرمانِ خدائے برتر ذات میں اپنی ہیں قرآن مدینے والے

حوضِ کوثر پہ کھڑا ہو کے پیوں جام کو میں
دل میں ہے بس یہی ارمان مدینے والے

شرفِ دید عطا مجھ کو ہو میرے آقا دل میرا کب سے ہے ویران مدینے والے

آپ کے در پہ میں آیا ہوں سوالی بن کر
کب سے ہوں میں تہی دامان مدینے والے
٭٭٭

محبت ہار جاتی ہے

مری ناکام سوچیں مجھ سے کہتی ہیں محبت ہار جاتی ہے

محبت ہار جاتی ہے
خیالوں کی تلاطم خیز لہریں
کہتی رہتی ہیں
محبت ہار جاتی ہے
محبت ہار جاتی ہے
بدن کا روح سے ٹانکا اُدھڑتا ہے
کوئی آواز دیتا ہے
محبت ہار جاتی ہے
محبت ہار جاتی ہے
مجھے دفنا کے جب آئے
بہت روئے جہاں والے
لگایا قبر پر کتبہ
٭٭٭

مٹ گئی آج داستاں میری زندگی ہو گئی دھواں میری

تو مجھے خاکِ رہ گذر نہ سمجھ بات سنتا ہے آسماں میری

تو اِدھر لوٹ کیوں نہیں آتا سن رہا ہے اگر اذاں میری

میرے آنسو مِرے ستارے ہیں میری آنکھیں ہیں کہکشاں میری

اب جہنم مِرا مقدر ہے بد دعا دے رہی ہے ماں میری ٭٭٭

آج پھر

آج پھر
اُس دن کی طرح
آسمان پر بادل چھائے
پھر بارش ہوئی
مگر آج
وہ لڑکی
اِس بارش میں
نہیں روئی
شاید وہ سب غم
بھول چکی تھی
٭٭٭

کیا ہوا پیار کو گر آپ جفا کہتے ہیں
زندگی کو بھی تو ہم لوگ سزا کہتے ہیں

کل جو کہتے تھے مجھے جان سے بڑھ کر پیارا
اب وہی مجھ کو سرِ بزم بُرا کہتے ہیں

کتنے نادان ہیں وہ ان کے لیے کیا لکھوں
رہردِ زیست کو جو آبلہ پا کہتے ہیں

جو تراشا تھا کبھی عہدِ جنوں میں، میں نے
لوگ اس بت کو مروّت میں خدا کہتے ہیں

سامنے جس کے ہوا لفظِ معافی بیکار
اس کے در پر ہمیں کئی اہلِ خطا کہتے ہیں

جس نے موسم کو نئے رنگ دیے ہیں سورجؔ
ہم اُسی گیت کو اندوہ رُبا کہتے ہیں
٭٭٭

آ کر گیا تو ایک قیامت جگا گیا وہ تجھ سا ایک شخص جو مجھ میں سما گیا

پرسش کے نام پر اگر آیا ہے وہ کبھی مرہم کی آڑ میں مجھے گھاؤ لگا گیا

ظلماتِ شب میں ہم نے پکارا تھا تیرا نام
اک نور تھا جو آ کے فضاؤں میں چھا گیا

سائے سے ہے طلب مجھے اپنے وجود کے میں اپنی جستجو میں یہاں تک تو آ گیا

نیلام میں ہوا سرِ بازار جس گھڑی جتنے بھی دام تھے میرے سارے چُکا گیا

کل رات میری یاد میں رویا وہ جس گھڑی مجھ کو مثالِ اشک زمیں پر گرا گیا

تم محوِ خواب لگتے ہو سورجؔ بہت بھلے
یہ کہہ کے مجھ کو نیند ابد کے سلا گیا
٭٭٭

وہ بھی تو میرے جیسا ہے جو میرے اندر رہتا ہے

کیوں میری گواہی دے دیتا؟
وہ اشک جو گرتا رہتا ہے

جانے کیوں تیری چاہت سے دل سہما سہما رہتا ہے

جانے کیوں اپنے سائے سے وہ ہر دم ڈرتا رہتا ہے

سینے میں حشر لیئے سورجؔ چپ چاپ سلگتا رہتا ہے ٭٭٭

خوشی کی رُت میں ہمیں پھر کوئی اُداس ملا
دیارِ غیر میں اپنا ہی غم شناس ملا

کہ جیتے جی تو یہ تن سے اُتار لیتے تھے
جو مر گئے ہیں تو اُجلا ہمیں لباس مِلا

وہی تو میرا یہاں رت جگوں کا ساتھی تھا
ہوئی خوشی جو میسر تو وہ اُداس ملا

جو قربتوں میں مجھے خود سے دُور لگتا تھا
اب اُس کو دُور سے دیکھا بہت ہی پاس ملا

وہ آج سُننے پہ آمادہ لگ رہا تھا مجھے
میں آج اُس سے ملا بھی تو بدحواس مِلا
٭٭٭

تجھ کو پایا ہی نہیں جب تیرا کھونا کیسا
نم زدہ آنکھ کو ہے پھر سے بھگونا کیسا

اک نظر دیکھتے ہی دل میں سما جاتا ہے سوچتا ہوں تیرا روپ سلونا کیسا

کھیل کر تم نے اسے توڑ ہی ڈالا آخری
تم نے سمجھا تھا میرے دل کو کھلونا کیسا

وہ تمہیں چھوڑ گیا ہے تو بھلا دو اس کو
مجھ کو کہتے ہیں سبھی اشک پرونا کیسا

موت آئی تو تبھی چین سے سوئے سورجؔ
اب یہی سوچ کے جاگا ہوں تو سونا کیسا
٭٭٭

تمہیں پایا نہیں میں نے

تمہیں پایا نہیں میں نے

عمر بھر کی اِک خواہش
تمہیں پایا نہیں میں نے
میرے اُجڑے ماضی کی
وہی مانوس سی دستک
بلند آواز میں مجھ کو
سنائی دیتی ہے
اب اکثر
تمہیں پایا نہیں میں نے
وہ اِک معصوم سی خواہش
جو کسک بن کر اب
میرے من میں آتی ہے
تمہیں پایا نہیں میں نے
ہزاروں خواہشیں ایسی
مرمر کے ہیں جو زندہ
میرے معصوم سے دل میں
اُجڑ کر پھر اُبھرتی ہیں
اُبھر کر بھی اُجڑتی ہیں
تمہیں پایا نہیں میں نے
میری ایک ایک غلطی پر
تمہارا یوں خفا ہونا
نہ کوئی بھرم رکھنا پھر
ہماری اُجڑی چاہت کا

۲

تمہیں پایا نہیں میں نے
تمہارا بھول جانا مجھ کو
اور اِک زہر کی مانند
مرا اِس درد کو پینا
مجھے تو ہے یہی کہتا
تمہیں پایا نہیں میں نے
مرے دل کی وہی آواز
جو ہے مجھ کو کبھی آتی
مرے وجدان میں آ کر
ہے مجھ کو یہی کہتی
تمہیں پایا نہیں میں نے
وہی اب لو گ کہتے ہیں
ہماری چاہت بھی جھوٹی ہے
وہ جذبے بھی جھوٹے ہیں
اُلفت بھی یہ جھوٹی ہے
محبت گر خدا ہے تو
خدائی وہ بھی جھوٹی ہے
یہ سب مان لینا تم
اور مان لوں گا میں
سن کے لوگوں کی یہ باتیں
سچ جان لوں گا میں
وہ بھی تو ہیں سچ کہتے
تمہیں پایا نہیں میں نے
تمہیں اک خواب کی مانند
میں اب بھول جاؤں گا
کبھی نہ یاد رکھوں گا
تری معصوم سی صورت
یہ بھی اِک حقیقت ہے
تم بھی چاہتی ہو یہ
یہ بھی اِک حقیقت ہے
مرا دل بھی ہے یہ کہتا
تمہیں پایا نہیں میں نے
٭٭٭

ہونٹ کا تل

وہ کہتی تھی
کہ اُس کے حصار سے
کوئی بھی نکل نہیں سکتا
تو
آپ کیسے نکلیں گے
آج کئی دنوں کے بعد
میں نے
پرانے درد کھنگالے
تب مجھے پتہ چلا
اُس کے سحر کا یہ راز
ہونٹ کے کالے تل میں تھا
٭٭٭

لگی دل کی ایسے بجھانے لگا ہے نشیمن خود اپنا جلانے لگا ہے

سدا سے رہا میکدے کا جو دشمن وہ اب ساتھ پینے پلانے لگا ہے

یہ دل اب پسِ پُشت رکھ کر دکھوں کو زمانے کو خود پر ہنسانے لگا ہے

نظر سے تیری پی کے آیا ہے جو بھی وہ مے کو زمیں پر گرانے لگا ہے

جو بچ نہ سکا دہر کی سختیوں سے وہ مجھ کو مجھی سے بچانے لگا ہے

رہا زیرِ احسان جو دوستوں کے وہ احسان کر کے جتانے لگا ہے

یہ سورجؔ بھی دیکھو مراتب، علی کے ہر اک شخص کو وہ بتانے لگا ہے ٭٭٭

جانے کیوں وہ میری چاہت کو ہوس کہتے ہیں
مر ہی جائیں گے یہاں اب کے برس، کہتے ہیں

آگ جب جلنے لگی دل کی بیابانوں میں
آنکھ کو اپنی، ذرا کھل کے برس، کہتے ہیں

ہم تو سرشاری میں ایک لفظ نہیں کہہ سکتے
جلنے لگتا ہے جب ایک ایک نفس، کہتے ہیں

تنگ لگتی ہیں ہمیں اب یہ فضائیں خود پر
ہم وہ طائر ہیں فضاؤں کو قفس کہتے ہیں

تم ہی بتلاؤ ہمیں صبح کا مطلب سورجؔ
رات قائم ہے، یہ مندر کے کلس کہتے ہیں
٭٭٭

یہ ایک شب تیرے پہلو میں جو گذاری ہے
یہ ایک شب تو مجھے زندگی سے پیاری ہے

تُو میرے سامنے بیٹھی ہے اور میں سوچتا ہوں
کِسی نے حُور فلک سے یہاں اُتاری ہے

میں جس کو بھُولے ہوئے تھا بہت دنوں سے وہی
بہت قریب سے جیسے مجھے پکاری ہے

تُو اپنے عیب چھپا، میری اتنی فکر نہ کر
میں جانتا ہوں میرے بھاگ میں جو خواری ہے

یہ سانحہ تو کِسی شام بیتنا ہی تھا
وہ رات سر پہ ہے سورجؔ جو رات بھاری ہے
٭٭٭

ہم نے تجھ کو جو کبھی اپنا بنانا چاہا
سنگ ہر شخص نے کیوں ہم پہ اٹھانا چاہا

غیر ہوتے جو یہاں کوئی نئی بات نہ تھی
دکھ ہوا یوں بھی کہ تو نے بھی ستانا چاہا

یہ طلب ہم نہ مٹاتے تو مٹاتا نہ کوئی ہاں یہی سوچ کے دستور نبھانا چاہا

اب یہاں کون نبھاتا ہے پرانی رسمیں
بھول جا مجھ کو یہی اُس نے بتانا چاہا

ہر کوئی ہے جہاں دولت کی طلب میں ہر دم
پیار کا دیپ وہاں ہم نے جلانا چاہا

وہ جو بکتا رہا دولت کی ہوس میں شب بھر
دل کے مندر میں اسی بت کو سجانا چاہا

دیکھ ہنگامِ نزع، کیسے مجھے چھوڑ گیا
آخری وقت میں جب اس کو بلانا چاہا
٭٭٭

چاہتیں جتانے میں دیر کتنی لگتی ہے اور بھول جانے میں دیر کتنی لگتی ہے

راہگزر میں آنکھوں کی، کوئی آ ہی جائے گا
درد کے سمانے میں دیر کتنی لگتی ہے

اس نے سچ کہا ہے یہ مجھ کو بھول بیٹھا ہے
زخم کے بھر آنے میں دیر کتنی لگتی ہے

جائیں اُس کے کوچے میں قیس کی طرح ہم لوگ
سنگ آزمانے میں دیر کتنی لگتی ہے

یاد ہے اُسے لیکن مجھ سے کہہ نہیں سکتا
اُس کو یہ بتانے میں دیر کتنی لگتی ہے

بے وفا اگر ہے وہ اس کو بھول جائیں گے
اشک کو گرانے میں دیر کتنی لگتی ہے

خواب ہو یا آنسو ہو، چاند ہو کہ سورجؔ ہو
آنکھ میں سمانے میں دیر کتنی لگتی ہے
٭٭٭

بیادِ شبیر

میرے ٹھہرے ہوئے اشکوں کو روانی دے دے
مزرعِ خشک کو اک بار تو پانی دے دے

وقف کر دوں گا اسے رب کی عبادت کے لیے
اے میری عمر مجھے پھر سے جوانی دے دے

یادِ شبیر میں سب کو تڑپتا دیکھیں
مجھ کو وہ جذب، میرے سوزِ نہانی دے دے

کر سکوں میں غمِ شبیر کو تحریر یہاں
میرے مولا مجھے تقلیدِ قآنی دے دے
٭٭٭

دُعا میری سوچوں کو مشکبو کر دے اپنی چاہت میں سرخرو کر دے

دیکھنا چاہتا ہوں کعبے کو مجھ کو کعبے کے روبرو کر دے

جب بھی روؤں تیری حضوری میں میری آنکھیں لہو لہو کر دے

دل یہ کہتا ہے تجھ سے ہو الفت میرے ہر انگ کو سُبو کر دے

ہے یہ سورجؔ کی آرزو مولا مجھ کو اپنے قریب تُو کر دے ٭٭٭

عزت

دُور اِن ہواؤں میں
ایک شور برپا ہے
ماتمی صداؤں سے
شہر جاگ اُٹھا ہے
کہنے والے کہتے ہیں
ظالم اور مظلومی
ساتھ ساتھ رہتے ہیں
آج پھر حویلی میں
رات کی سیاہی میں
اک غریب کی بیٹی
عزت اپنی کھو بیٹھی
٭٭٭

جب وہ آپ سے تم پر آئی پیار کا لہجہ گُم کر آئی

قِصہ تو اُس کے غم کا تھا لیکن آنکھ میری بھر آئی

مجھ سے اٹھا کر دل اپنے کو غیر کے قدموں میں دھر آئی

سارا آنگن مہک اٹھا تھا اِک دن جب وہ میرے گھر آئی

سورجؔ نے منہ ڈھانپ لیا تھا چھت پر جب وہ کھلے سر آئی ٭٭٭

وقت وقت کی بات

وقت وہ بھی تھا
وقت یہ بھی ہے
پہلے وہ لڑکی
فون کی بیل بجتے ہی
بھاگ کر کمرے کی طرف آتی تھی
مگر اب
فون کی بیل بجتے ہی
وہ بھاگتی ہے
کمرے سے باہر
٭٭٭

ہر اک دِل گنگناتے ہیں محبت ہار جاتی ہے
زمانہ جیت جاتا ہے ، محبت ہار جاتی ہے

جو سب کو درس دیتا ہے ، محبت کا زمانے میں
وہی مجھ کو بتانا ہے، محبت ہار جاتی ہے

ستاتا ہے، مناتا ہے ، نظر میں پھر سماتا ہے
نظر سے جب گراتا ہے، محبت ہار جاتی ہے

ہمارے پیار کے قصے ہیں سب لوگوں کے ہونٹوں پر
جسے دیکھو سناتا ہے محبت ہار جاتی ہے

اِدھر جب بھی وہ آتا ہے، وفائیں ساتھ لاتا ہے
اِدھر سے جب وہ جاتا ہے، محبت ہار جاتی ہے
٭٭٭

اٹ گئے جب گرد سے الفاظ کے اُجلے وجود
یورشِ انفاس میں تھے درد کے گہرے وجود

دب گئی یوں خامشی کے شور میں آہ و فغاں
راہِ ہستی پر کھڑے تھے خوف سے سہمے وجود

چاندنی کے حسن کو پامال کر لینے کے بعد
یورشِ گرداب کی زد پر رہے اندھے وجود

دار کی زینت بنا کر مجھ کو جو تھے خوش بہت
کیوں مرنے مرنے یہ راضی ہو گئے ان کے وجود

میں اگرچہ موم تھا، میرے لہو کی آنچ سے
راکھ بن کر رہ گئے جتنے تھے پتھر کے وجود

موجزن ہونے کی ضد میں جو گئے سورجؔ وہاں
نقش سطحِ آب پر ہوتے گئے ان کے وجود
٭٭٭

گرچہ وہ ہم کو منانے کے لیے آئے تھے اصل میں درد بڑھانے کے لیے آئے تھے

جن کو ابجد نہیں معلوم ہے ہمدردی کی
جانے کیوں مجھ کو بچانے کے لیے آئے تھے

دھوپ کی طرح اتر کر وہ سرِ صحن چمن لالہ و گل کو جلانے کے لیے آئے تھے

زندگی ہم نے گزاری سرِ دنیا جیسے موت کا قرض چکانے کے لیے آئے تھے

ہے ستم جن کو سمجھتے رہے محسن اپنا موت کی نیند سلانے کے لیے آئے تھے

بعد مدت کے جو آئے تھے قریں سورجؔ کے
خط رقیبوں کے دکھانے لیے آئے تھے
٭٭٭

شوق تھا آبرو گنوانے کا زخم اپنے اسے دکھانے کا

کام کس کا تھا مارنا مجھ کو اس نے ہنس کے کہا زمانے کا

عمر بھر ہی مجھے جنون رہا اُن کی محفل میں آنے جانے کا

ہر طرف ہے نظر میں گردِ ملال یہ نتیجہ ہے دل لگانے کا

شوق ہے راہ شوق میں مجھے کو ہر قدم دکھ ہی دکھ اٹھانے کا

دار ہی تو صلہ ہے اے سورجؔ داستانِ وفا سنانے کا ٭٭٭

نصابِ محبت

نفرت تھی مجھے
تجھے سوچنے
تجھے لکھنے
اور تجھے پڑھنے سے
پھر کیوں ہوا ایسا
کہ تجھے سوچا
تجھے لکھا
اور تجھے پڑھا
کیوں
٭٭٭

جب اور کچھ نہ آیا نظر گھر جلا دیا جذبِ جنوں نے شعلۂ جاں کو بجھا دیا

مانگا گیا تھا ہم سے ثبوت وفائے دل
پھر عاشقی میں ہم نے تو سر کو کٹا دیا

دیتا تھا میں ہمیشہ ہی ترکِ وفا کا درس
پھر جام مجھ کو کس نے وفا کا پلا دیا

دعویٰ یہاں خدائی کا کرتا تھا ایک شخص
پھر ایک دن اجل نے اسے بھی مٹا دیا

وہ جس کو جرم کچھ وفا کے سوا نہ تھا شہرِ ستم گراں نے اسے بھی مٹا دیا

سورجؔ کے نام سے وہی منسوب تھا جہاں
وہ شخص نے قلب و نظر کو جلا دیا
٭٭٭

خود پہ ہر بار اُسی شخص کو روتے دیکھا
جس نے تقدیر کو ہر گام پہ سوتے دیکھا

وصل کی بات میں بھی ہجر کا پہلو تھا نہاں
جاگتی آنکھ سے ہر بار یہ ہوتے دیکھا

وقت کے ساتھ ہر اک زخم بھر جانا ہے
دل میں کس واسطے پھر درد سموتے دیکھا

اشک بن کر سرِ دامانِ طلب جو ٹپکے
اُس کو وہ خواب بھی پلکوں میں پروتے دیکھا

بعد مدت جو کہیں ہم سے ملا وہ سورجؔ
ہر گھڑی گردشِ حالات پہ روتے دیکھا
٭٭٭

کچھ اس طرح سے پورے وہ ارمان کر گئے احساس میرا صورتِ شمشان کر گئے

آئے جو میرے پاس مسیحا روپ میں وہ کون لوگ تھے مجھے بے جان کر گئے

نکلے تھے اپنے گھر سے جو تیری تلاش میں
وہ اپنی زندگی کو یہاں دان کر گئے

تھا کتنا اعتماد انہیں اپنے آپ پر ویران پتھروں کو جو بھگوان کر گئے

مجھ کو بڑے وثوق سے تھا جن کا اعتبار وہ اپنے پیار پر مجھے قربان کر گئے

دیکھا تھا میں نے جن کو رقیبوں کی بزم میں
وہ لوگ میری چاہ کا ایمان کر گئے
٭٭٭

اے خدا میرے خیالوں کو منوّر کر دے میرے احساس کے صحرا کو سمندر کر دے

میرے اظہار محبت پہ بپھرنا تیرا سوچتا ہوں کہ کہیں مجھ کو نہ پتھر کر دے

بزم اغیار میں اظہار تنفّر تیرا
یہ نہ ہو دَیر میں مجھ کو تیرا ہمسر کر دے

بے سبب اس طرح اشکوں کا بہانا سورجؔ
یہ نہ ہو ضبط کی دیوار میں پھر در کر دے
٭٭٭

یوں مقدر سیاہ کرنا تھا کوئی ایسا گناہ کرنا تھا

رتجگے مانگتے تھے ہم سے ثبوت آنسوؤں کو گواہ کرنا تھا

کب سے اسکو تھا انتظار مِرا موت سے بھی نباہ کرنا تھا

تم بھی میرے اگر کبھی ہوتے پیار بھی بے پناہ کرنا تھا

اب نہیں بھُولتا اگر سورجؔ یاد ہی گاہ گاہ کرنا تھا ٭٭٭

علامت

سنا تھا کہ ہونٹ پہ تل
وفا کی علامت ہَے
تبھی تو اُس نے
اَپنی وفا
بہت سے لوگوں میں
بانٹ رکھی ہے
٭٭٭

اگر قسمت سے ہم بھی قیس کے ہم نام ہو جاتے
ہمارے نام دنیا کے سبھی آلام ہو جاتے

تمہیں کیا علم کہ ہم نے اجڑ کر نام پایا ہے
اگر آباد ہو جاتے تو ہم گم نام ہو جاتے

محبت کھیل ہی ایسا ہے جس کو ہم نے کھیلا ہے
اگر ہم جیتتے تو بالیقیں ناکام ہو جاتے

ہمارے دل میں حسرت رہ گئی ہے اے میرے ہمدم
اگر ہونٹوں سے تم چھوتے تو ہم خوش کام ہو جاتے

تیرے ہاتھوں سے ہو کر قتل دنیا کو یہ دکھلایا
نہ مرتے ہم یہاں تو موردِ الزام ہو جاتے
٭٭٭

امن کی خیر، کسی کے بھی مقدر میں نہیں
روشنی شہرِ ستمگر کے مقدر میں نہیں

روزِ محشر ہی میں اب آنکھ کھُلے گی سب کی
اب تماشہ کسی منظر کے مقدر میں نہیں

میں نے ہر گام یہاں ضربتِ ادبار سہی ضرب سہنا کسی پتھر کے مقدر میں نہیں

تھا سمندر جو میری آنکھ میں سب ڈوب گیا
ڈوب جانا تو سمندر کے مقدر میں نہیں

میں یہی سوچ کے بڑھتا رہا منزل کی طرف
ہار جانا تو سکندر کے مقدر میں نہیں

گھر جو سورجؔ کا جلایا ہے تو یہ بھی سن لے
یہ خرابی تو مرے گھر کے مقدر میں نہیں
٭٭٭

گوہر کسی کو جان سے پیارا نہیں ہوں میں
یہ بھی تو سچ ہے صرف تمہارا نہیں ہوں میں

بہتر یہی ہے، موڑ دے رخ اپنی ناؤ کا
کیسے بتاؤں تجھ کو کنارا نہیں ہوں میں

گرچہ شکست و ریخت کا تھا سامنا مجھے
پر زندگی سے آج بھی ہار نہیں ہوں میں

وہ بھی تو ایک وقت تھا ساقی تھا میں کبھی
تشنہ لبوں کا آج سہارا نہیں ہوں میں

کہنے کو نورِ چشم کسی کا تھا میں کبھی
یہ کیا آج تجھ کو گوارا نہیں ہوں میں

سمجھے ہیں تم کو آگ جو سورجؔ انہیں کہو
دیکھو بغور مجھ کو شرارا نہیں ہوں میں
٭٭٭

دِل نے یہ فرض بھی چاہت کا نبھایا اے دوست
آخری خط بھی تیرا میں نے جلایا اے دوست

جس کو دعویٰ تھا ہمیشہ ہی وہاں رہنے کا
دل کے مندر کو پھر اُس نے ہی گرایا اے دوست

ثبت تھا دل پہ میرے جو تیری چاہت کے طفیل
میں نے وہ عکس تیرا دل سے مٹایا اے دوست

تجھ سے بچھڑا تو کیا قطع تعلق خود سے
پھر بھی لب پر میرے اک حرف نہ آیا اے دوست

شدت جذبِ وفا سے وہ ہُوا ہے مسمار
میں نے جو گھر تیری چاہت میں بنایا اے دوست
٭٭٭

تمہیں میں یاد آؤں گا

اب جب بھی میری جاناں
تمہاری نازک کلائی کی
کبھی چوڑی جو ٹُوٹے گی
کوئی بے چین سا عاشق
ان کو چومنے والا
تمہارے جسم کی خوشبو
جو اِن میں بس چکی ہو تی
اسے محسوس جو کرتا
جو اَکثر سرد راتوں میں
اُس چُوڑی کے شیشے میں
تمہیں دیکھا جو کرتا تھا
کوئی ہم سا نہیں ہو گا
تمہاری دل نشیں آنکھیں
تھکن سے چُور ہوں جب بھی
یہ مہکی ہوئی سانسیں
مجھ سے دُور ہوں کتنی
تمہاری نرم سی بانہیں
کسی کی جب ہو بانہوں میں
تمہیں میں یاد آؤں گا
تمہیں جاناں ستاؤں گا
٭٭٭

تجھ کو پا کر بھی میرا زخم مہکتا کیوں ہے
تجھ کو کھونے کا میرے دل میں یہ کھٹکا کیوں ہے

اپنی ہی آگ میں جل کر جسے بجھ جانا تھا
آج وہ دل تیری یادوں میں سلگتا کیوں ہے

راج کرنا تھا سرِ صحن گلستاں جس نے
مثلِ اوراقِ پریشان وہ بکھرا کیوں ہے

مجھ کو یہ یاد ہے مرزوں میں کہا تھا تم نے
بے بہا پیڑوں میں بھی تنہا کیوں ہے

بھول بیٹھا ہے تیری مست نگاہیں شاید
جو کبھی مجھ کو پلاتا تھا بہکتا کیوں ہے

جانے کیوں میری سمجھ میں نہیں آیا سورجؔ
جو معزز تھا زمانے میں رُسوا کیوں ہے
٭٭٭

پھر وہی بات سنانی ہے مجھے فون کرو ہر طرف غم کی کہانی ہے مجھے فون کرو

بارشِ غم میں یونہی شہر نہ بہہ جائے کہیں
میری آنکھوں میں بھی پانی ہے مجھے فون کرو
٭٭٭

جدا تو ہو ہی جاؤں گا مگر کیا بھول پاؤں گا

کیا ہے تو نے یہ دعویٰ تجھے ناں یاد آؤں گا

کبھی جب یاد آؤں گا تجھے جاناں رلاؤں گا

مگر میرا یہی دکھ ہے کہ تجھ بِن رہ نہ پاؤں گا

تیرے ہمدرد ہیں سارے میں کس کو دیکھ سناؤں گا

وہ سورجؔ ڈھل گیا کب کا یہ میں کس کا بتاؤں گا ٭٭٭

میں بھی اکیلا ہوں

کوئی تنہائی کی وحشت میں
آرزوؤں کے مقتل میں
بارش کے موسم میں
اور کبھی دِل کی وادی میں
کہتا ہے مجھ سے میرا چاند
میں بھی اکیلا ہوں
تُو بھی اکیلا ہے
رات کی لمبی مسافت ہے
سینے میں سانس بھی بھاری لگتا ہے
ایسے میں اگر تُو کہہ دے
میں بھی اکیلا ہوں ، تُو بھی اکیلا ہے
اگر ہم مِل جائیں
پھر سے گُل کھل جائیں
درد کی بستی میں
خوشیاں لوٹ آئیں
شاید میرے مقدر کی
ساری لکیریں بدل جائیں
آج اگر تو کہہ دے
میں بھی اکیلا ہوں
٭٭٭

خورشید جس کو کہتے ہیں کل رات مرگیا
لگتا ہے جیسے شام کے سایوں سے ڈر گیا

وہ کون خوش نصیب تھا الفت کے واسطے
دے کر وفا کی راہ میں اپنا ہی سر گیا

تشنہ لبی تھی ایسی جو اب تک نہیں بجھی
مے خوار پوچھتے ہیں کہ ساقی کدھر گیا

تھا جس پہ اعتماد بہت مجھ کو دہر میں
وہ خود پہ میری زیست کو قربان کر گیا

وہ، ہم نے اعتبار کیا جس کے جھوٹ پر
کھا کے فریب اُس کے ، میرا دل سنور گیا

کیوں اب تلاش کرتے ہو سورجؔ کو تم یہاں
مدت ہوئی ہے جان سے اپنی گزر گیا
٭٭٭

سورج نکلنے سے پہلے ذرا

سورج نکلنے سے پہلے ذرا
اے میرے ہمسفر
روشنی کے سفیر
کبھی آ
تُو سورج نکلنے سے پہلے ذرا
جب آوارگی میں شب تارے ہوں
اور تاروں کا
بے شور و ہنگم خرام
اپنی مدھم روانی میں ہو
آسماں کی لچکتی شاخ پر
چاند کا ٹھنڈا ٹھنڈا شباب
شب کی تاریکی میں
بانہیں ڈالے ہوئے
کیف و مستی کی وجہ سے بے ہوش ہو
اے میرے ہمسفر
روشنی کے سفیر
کبھی آ
تُو سورج نکلنے سے پہلے ذرا
٭٭٭

احتساب

احتساب کرو
کہ میں نے
محبت میں تم سے کیا پایا
ہاں
ایک مہک
تمہاری نہیں
زخموں کی
ایک وجود
تمہارا نہیں
دھوئیں کا
ایک سراب
تمہارا نہیں
محبت کا
چلو تم سے کسی نے
کچھ تو پایا ہے
٭٭٭

میرے ہر اشک میں پنہاں ہے سمندر دیکھو فیصلہ آج تو تم اپنا سنا کر دیکھو

جس کا پیشہ ہی زمانے کی مسیحائی ہے
سامنے اس کے ذرا جاں سے گزر کر دیکھو

جو تھا میرا وہ بہر حال میرا ہو نہ سکا
مجھ کو کس موڑ پہ لے آیا مقدر دیکھو

جس سے منسوب ہوا کرتا تھا یہ شہر وفا
اپنی آنکھوں سے اسی شخص کو بے گھر دیکھو

جو یہ کہتا ہے محبت ہے سراسر دھوکا بات تو جب ہے اسے اپنا بنا کر دیکھو

دشمنِ جاں جسے کہتے ہو ہمیشہ سورجؔ
دل کا غم خانہ اسی سے ہے منور دیکھو
٭٭٭

وہ مجھے یاد تو کرتا ہو گا ہر گھڑی آہ تو بھرتا ہو گا

میری ہر بات پہ ہنسنے والا میری آہیں بھی تو سنتا ہو گا

ہے یقیں مجھ کو، میری آمد پر راہ سے خار وہ چنتا ہو گا

سوچتا ہوں شبِ تنہائی میں کوئی تو مجھ کو ترستا ہو گا

کشتیِ زیست کی صورت وہ بھی ڈوب کر پھر سے اُبھرتا ہو گا

دیکھ کر سامنے سورجؔ اپنے میری مانند سلگتا ہو گا ٭٭٭

ہم پا سکے نہ اُس کو رفاقت کے باوجود
چاہت ہے جس کی دل میں شقاوت کے باوجود

سمجھائی ہم نے اس کو محبت کی ہر زبان
پر وہ سمجھ سکا نہ وضاحت کے باوجود

حائل تھے راہِ شوق میں حالات اس قدر
ہم اُس پہ مٹ سکے نہ جسارت کے باوجود

جب رہگذارِ ہجر پہ، سورجؔ رواں تھا وہ
مڑ مڑ کے دیکھتا رہا نفرت کے باوجود
٭٭٭

مجھ کو دفن کر ڈالو

دوستوں کی بے وفائی نے مجھے
زندہ بدن کی
لاش کر ڈالا
میں ٹھکرائے ہوئے جذبات دل میں
لے کے نیلے آسماں کی چھت کے نیچے
کب سے بے گورو کفن ہوں
مجھ سے احساسِ ندامت چھین ڈالو
دوستو
زخمِ رفاقت پھر چھپانا چاہتے ہو
تو مجھ کو دفن کر ڈالو
٭٭٭

مٹ گئی آج داستاں میری زندگی ہو گئی دھُواں میری

تُو مجھے خاکِ رہ گذر نہ سمجھ بات سنتا ہے آسماں میری

موجۂ غم تیرے تلاطم میں دیکھ ناؤ رواں دواں میری

تُو مجھے کیسے اپنا کہہ دیتا تیرے منہ میں نہیں زباں میری

تُو اِدھر لوٹ کیوں آتا سُن رہا ہے اگر اذاں میری

میرے آنسو، مِرے ستارے ہیں میری آنکھیں ہیں کہکشاں میری

اب جہنم مِرا مقدر ہے بددعا دے رہی ہے ماں میری

میں کہ تھا ایک شاعرِ گمنام دھوم ہے اب کہاں کہاں میری

میں کہ سورجؔ تھا ڈھل گیا آخر کیسے سمجھے گئی بدگماں میری ٭٭٭

سزائے موت

پھر عدالت سجائی گئی
فیصلہ میری سزائے موت کا تھا
میرے خلاف گواہوں میں
پہلا چہرہ
اُس کا تھا
جس کی سانسوں کی خوشبو
آج تک
میرے ہونٹوں سے آتی ہے
٭٭٭

جھوٹ وعدہ ہی کوئی کر جائیں دِل کے جذبات ہی نہ مر جائیں

آگ بن جائیں ہم محبت میں پھیلتے جائیں ہم جدھر جائیں

دِل تو کرتا ہے اُس کے آنگن میں خوشبوؤں کی طرح بکھر جائیں

یاد کرنے پہ یاد آتے ہو کب یہ چاہا تھا زخم بھر جائیں

اس سے آگے تو کوئی رستہ نہیں سوچتے ہیں کہ اب کِدھر جائیں

عُمر بھر کون ساتھ چلتا ہے آؤ وعدوں سے ہم مُکر جائیں

آپ کے دِل میں آگ ہے سورجؔ پانیوں میں کہیں اُتر جائیں ٭٭٭

ماخذ:
http://forum.urduworld.com/f2735/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

شاعری