دین و مذہب

مختصر حیاتِ مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (3,513 الفاظ)

مختصر حیاتِ مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی
(1310ھ1893ء تا1402ھ /1981ء)

ڈاکٹر محمدحسین مُشاہد رضوی

ولادت

تحقیق و مطالعہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی دنیائے اسلام کے عظیم رہِ نما، قطبِ زمانہ، مرجع العلماء و الخلائق، رہبرِ شریعت و طریقت، غزالی دوراں، رازیِ زماں، با فیض مدرس، پُر خلوص داعی، عظیم فقہیہ، مفسر، محدث، خطیب، مفکر، دانش ور، تحریک آفریں قائد، مایۂ ناز مصنف و محقق اور بلند پایہ نعت گو شاعر اور گوناگوں خصوصیات کے مالک تھے۔ آپ عالمِ اسلام کی مشہور شخصیت امام احمد رضا بریلوی کے فرزندِ اصغر تھے۔ آپ کا خاندان علم و فضل، زہد و اتقا اور عشقِ رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ آپ کی ولادت 22؍ ذی الحجہ1310ھ بمط 7 جولائی1893ء بروز جمعہ بہ وقتِ صبح صادق آپ کے چچا استاذِ زمن علامہ حسن رضا بریلوی کے دولت کدہ پر، واقع رضا نگر، محلہ سوداگران، بریلی، یوپی، (انڈیا) میں ہوئی۔ (2)

اسم گرامی

مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کا پیدایشی اور اصل نام ’’محمد‘‘ ہے۔ آپ کا عقیقہ اسی نام پر ہوا۔ غیبی نام ’’آلِ رحمن ‘‘ہے۔ پیر و مرشد نے آپ کا پورا نام ’’ابوالبرکات محی الدین جیلانی ‘‘ تجویز فرمایا اور والد گرامی نے عرفی نام ’’مصطفیٰ رضا‘‘ رکھا۔ فنِ شاعری میں آ پ اپنے پیر و مرشد شیخ المشائخ سید شاہ ابوالحسین نوریؔ میاں مارہروی نور اللہ مرقدہٗ(م1324ء) کی نسبت سے اپنا تخلص ’’نوریؔ ‘‘ فرماتے تھے۔ عرفی نام اس قدر مشہور ہوا کہ ہر خاص و عام آ پ کو اسی نام سے یاد کرتے ہیں۔ (3)

مشہور ترین لقب

یوں تو آپ کو علم و فضل کی بنیاد پر بہت سارے القاب سے نوازا گیا، مگر جس لقب کو شہرتِ دوام حاصل ہوئی وہ ہے ’’مفتیِ اعظم‘‘۔ اس کی تفصیل آ گے پیش کی جائے گی۔

ولادت سے قبل بشارت

مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کی ولادت سے پہلے والد ماجد امام احمد رضا بریلوی اپنے پیر و مرشد حضرت سید شاہ آل رسول احمدی مارہروی (م1297ھ) کے مزارِ پاک کی زیارت اور سید المشائخ سید شاہ ابوالحسین نوریؔ مارہروی(م1324ھ) سے ملاقات کے لیے مارہرہ مطہر ہ تشریف لے گئے تھے۔ اس موقع پر جو واقعات ہوئے اس کی الگ الگ روایتیں سامنے آئی ہیں، مگر ان میں فقیہ النفس مفتی مطیع الرحمن رضوی کی وہ روایت جسے آپ نے مولاناسید شاہد علی رضوی رام پو ری سے بیان کیا، بہ ایں معنی قابلِ ترجیح ہے کہ مفتی صاحب موصوف نے اس کو خود مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کی زبانی سماعت کیا ہے۔ سید شاہد علی رضوی تحریر فرماتے ہیں :
’ ؍22 ذی الحجہ1310ھ کی شب میں تقریباً نصف رات تک امام احمد رضا قدس سرہ اور سید المشائخ حضرت نوری میاں قدس سرہ کے درمیان علمی مذاکرات رہے۔ پھر دونوں اپنی اپنی قیام گاہوں میں آرام فرما ہوئے۔ اسی شب عالمِ خواب میں دونوں بزرگوں کو حضرت مفتی اعظم کی ولادت کی نوید دی گئی اور نومولود کا نام ’آل الرحمن ‘ بتا یا گیا۔ خواب سے بیداری پر دونوں بزرگوں میں سے ہر ایک نے یہ فیصلہ کیا کہ بہ وقتِ ملاقات مبارک باد پیش کروں گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ فجر کی نما ز کے لیے جب دونوں بزرگ مسجد پہنچے تو مسجد کے دروازے پر ہی دونوں بزرگوں کی ملاقات ہو گئی اور وہیں ہر ایک نے دوسرے کو مبارک باد پیش کی۔ فجر کی نماز کے بعد سید المشائخ حضرت سید شاہ ابو الحسین نوری میاں قدس سرہ نے امام احمد رضا سے ارشاد فرمایا :
’مولانا صاحب!آپ اس بچے کے ولی ہیں۔ اگر اجازت دیں تو میں نو مولود کو داخلِ سلسلہ کر لوں۔ ‘ … امام احمد رضا قدس سرہ نے عرض کیا : ’حضور غلام زادہ ہے اسے داخلِ سلسلہ فرما لیا جائے۔ ‘ … سید المشائخ حضرت سید شاہ ابو الحسین نوری میاں قدس سرہ نے مصلا ہی پر بیٹھے بیٹھے مفتی اعظم کو غائبانہ داخلِ سلسلہ فرما لیا۔ حضرت سید المشائخ نے امام احمد رضا کو اپنا عمامہ اور جبہ عطا فرماتے ہو ئے ارشاد فرمایا :
’میری یہ امانت آپ کے سپرد ہے جب وہ بچہ اس امانت کا متحمل ہو جائے تو اسے دے دیں۔ مجھے خواب میں اس کا نام ’آل الرحمن ‘بتایا گیا ہے۔ لہٰذا نومولود کا نام ’آل الرحمن ‘ رکھیے۔ مجھے اس بچے کو دیکھنے کی تمنا ہے۔ وہ بڑا ہی فیروز بخت اور مبارک بچہ ہے۔ میں پہلی فرصت میں بریلی حاضر ہو کر آپ کے بیٹے کی روحانی امانتیں اس کے سپرد کر دوں گا۔ ‘‘
دوسرے روز جب ولادت کی خبر مارہرہ پہنچی تو سید المشائخ حضرت سیدشاہ ابوالحسین نوری قدس سرہ نے نومولود کا نام ’ابوالبرکات محی الدین جیلانی ‘منتخب فرمایا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ا مام احمد رضا قدس سرہ نے ساتویں روز ’’محمد ‘‘ نام پر بیٹے کا عقیقہ کیا۔ (4)
متذکرہ واقعہ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ رب العزت جل شانہٗ کے نیک طینت اور پاک باز بندوں پر عنایاتِ الٰہیہ سے غیبی طور پر آیندہ پیش آنے والے امور منکشف ہو جاتے تھے۔ مفتیِ اعظم قدس سرہ کی ولادت کی خبریں جن بندگانِ خدا نے دیں وہ اپنے عہد کے قطب اور مجدد ہیں۔ انھیں نفوسِ قدسیہ کی بشارتوں کا یہ ثمرہ ہے کہ مفتیِ اعظم قدس سرہ کا نام آج دنیائے اسلام کے افق پر روشن و منور ہے۔

بیعت و خلافت

؍ 6ماہ بعد جب 25 جمادی الثانی 1311ھ کو سید المشائخ سید شاہ ابوالحسین نوری میاں مارہروی (م1324ھ) بریلی تشریف لائے تو مفتیِ اعظم قدس سرہ کو اپنی آغوش میں لے کر دعاؤں سے نوازا اور چھ ماہ تین دن کی عمر میں ہی آپ کو داخلِ سلسلہ فرما کر تمام سلاسل کی اجازت و خلافت سے سرفراز کیا۔ اور دورانِ بیعت ارشاد فرمایا کہ :
’’یہ بچہ دین و ملت کی بڑی خدمت کرے گا اور مخلوق خدا کو اس کی ذات سے بہت فیض پہونچے گا، یہ بچہ ولی ہے، اس کی نگاہوں سے لاکھوں گم راہ انسان دین حق پر قائم ہوں گے۔ یہ فیض کا دریا بہائے گا۔ ‘‘(5)
سید المشائخ نے حلقۂ بیعت میں لینے کے بعد قادری نسبت کا دریائے فیض بنا کر ابوالبرکات محی الدین جیلانی کو امام احمد رضا کی آغوش میں دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:
’’مبارک ہو آپ کو یہ، قرآنی آیت … ’’واجعل لی وزیرا من اہلی ‘‘ کی تفسیر مقبول ہو کر آ پ کی گود میں آ گئی ہے … ’’ آل الرحمن۔ محمد۔ ابولبرکات۔ محی الدین جیلانی۔ مصطفیٰ رضا ‘‘ (6)
بزرگوں کے اقوال سے یہ بات مذکور ہے کہ جب کسی شخص میں محاسن کی کثرت ہوتی ہے تو اس کاہر کام تشنۂ توصیف ہوتاہے ؛ اور لوگ ایسی جامع الصفات شخصیت کو مختلف ناموں سے پکارتے ہیں۔ مفتیِ اعظم حضرت نوریؔ بریلوی کے نام میں پہلی نسبت رحمن سے ہے، دوسری نسبت حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلمسے ہے، تیسری نسبت غوث اعظم علیہ الرحمہ سے ہے اور چوتھی والد گرامی امام احمد رضا بریلوی سے ہے۔ اگرچہ یہ اہتمام تو اکابر نے اپنی بالغ نظری سے کیا مگر دنیا نے اس منبعِ خیر و فلاح سے قریب ہو کر جب فیوض حاصل کیا تو لوگ اپنے جذبۂ ستایش پر قابو نہ پا سکے۔ یہی وجہ ہے کہ آج آپ مختلف مبارک ناموں سے یاد کیے جاتے ہیں۔

تعلیم کا آغاز

جب مفتیِ اعظم قدس سرہ نے ہوش و خرد کی منزل میں قدم رکھا تو آپ کو زیورِ علم اور تہذیبِ اخلاق سے آراستہ کرنے کے لیے والدِ ماجد امام احمد رضا بریلوی کے قائم کردہ مدرسہ’’منظرِ اسلام‘‘ میں داخل کرایا گیا۔ آپ نے مدرسہ کے مختلف اساتذہ سے کسبِ علم کیا مگر آپ کی تربیت میں سب سے زیادہ دخل آپ کے برادرِ اکبر مولانا حامد رضا خاں بریلوی (م1362ھ/1943ئ) کا رہا، انھوں نے اس ہیرے کو خوب خوب تراشا ہر زاویے سے دیکھا پرکھا اور جب قوم کے روٗ بہ روٗ کیا تو بڑے بڑوں کی آنکھیں خیرہ ہو گئیں، بعد اس کے آپ نے اپنے والدِ گرامی امام احمد رضا بریلوی سے اکتسابِ فیض کیا۔ ابتدا ہی سے ذکاوت و نکتہ سنجی، جودتِ طبع، فکر و خیال کی بلندی، حصولِ علم میں کد و کاوش نمایاں رہی۔ آپ کے اساتذۂ کرام میں برادرِ اکبر مولانا حامد رضا خاں بریلوی، مولانا شاہ رحم الٰہی منگلوری (م1361ھ)، مولانا سید شاہ بشیر احمد علی گڑھی، مولانا ظہور الحسین فاروقی رام پوری (م1342ھ) علیہم الرحمۃ کا شمار ہوتا ہے۔

تعلیم سے فراغت

مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ نوریؔ بریلوی نے 1328ھ/1910ء میں بہ عمر اٹھارہ سال خداداد ذہانت، ذوقِ مطالعہ، لگن و محنت اور اساتذۂ کرام کی شفقت و محبت، والد گرامی امام احمد رضا بریلوی کی کامل توجہ اور مرشد گرامی حضرت سید شاہ ابوالحسین احمد نوری مارہروی کی روحانی عنایات کے نتیجے میں جملہ علوم و فنون، منقولات و معقولات پر عبور حاصل کیا اور دارالعلوم منظر اسلام بریلی سے فراغت پائی۔ (7)
علوم و فنون

مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کی تصنیفات و تالیفات کے مطالعہ کے بعد یہ خیال تقویت پاتا ہے کہ برِ صغیر ہند و پاک میں علومِ عقلیہ و نقلیہ کی جتنی مشہور سندیں ہیں۔ آپ کا سلسلۂ تلمذ اُن سب کا جا مع ہے۔ ذیل میں ان علوم و فنون کی فہرست پیش کی جاتی ہے جو آپ نے’’ بریلوی سلسلۂ تلمذ ‘‘کے واسطے سے نہ صرف حاصل کیے بل کہ ان میں انھیں مہارتِ تامّہ و کاملہ بھی حاصل رہی۔
(1) علم تفسیر
(2) علم حدیث
(3) اُصول حدیث
(4) فقہ(جملہ مذاہب)
(5) اصول فقہ
(6) علم الفرائض
(7) جدل
(9) عقائد
(10) کلام
(11) نحو
(12) صرف
(13) معانی
(14) بیان
(15) بدیع
(16) منطق
(17) مناظرہ
(18) فلسفہ
(19) تکسیر
(20) ہیئت
(21) حساب
(22) ہندسہ
(23) قراء ت
(24) تجوید
(25) تصوّف
(26) سلوک
(27) اخلاق
(28) اسماء الرجال
(29) سیَر
(30) تاریخ
(31) لغت
(32) ادب(عربی، فارسی، اردو)
(33) عروض وقوافی
(34) توقیت
(35) اوفاق
(36) فنِ تاریخ و اعداد
(37) جفر
(38) ریاضی وغیرہ۔ (8)
علوم و فنون کی یہ کثرت مفتیِ اعظم حضرت نوریؔ بریلوی کے علوئے مرتبت پر دلالت کرتی ہے۔ ان علوم فنون کو آپ نے خالص اللہ و رسول (جل و علا و صلی اللہ علیہ وسلم )کی رضا و خوش نودی اور دین و مذہب کی ترویج و اشاعت کے لیے حاصل کیا۔ مذکورہ بالا علوم و فنون آپ نے جن سلاسل سے حاصل کیے اور امام احمد رضا بریلوی نے آپ کو جن 25سلاسل اولیا و سلاسل قرآن و سلاسل حدیث کی اجازت مرحمت فرمائی ان اسنادکے نقشے آیندہ صفحات کی زینت بنیں گے۔

خلافت و اجازت

تعلیم و تربیت سے فراغت کے بعد آپ کے والدِ ماجد امام احمد رضا محدثِ بریلوی نے آپ کو جمیع اوراد و وظائف اور جملہ سلاسلِ طریقت کی خلافت و اجازت عطا فرمائی۔

عقد مسنون

امام احمد رضا بریلوی کے برادر اصغر مولانا محمد رضا صاحب کی اکلوتی صاحب زادی سے مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کا عقدِ مسنون1911ء میں ہوا۔ جن کو مخدومۂ اہل سنت کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا، جو 16 جمادی الثانی 1405ھ /1985ء کو وصال کر گئیں۔

اولاد

مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کی اولاد میں ایک صاحب زادہ محمد انور رضا خاں تولد ہوئے افسوس! جو کم سنی ہی میں انتقال فرما گئے اور آپ کے یہاں چھ صاحب زادیاں پیدا ہوئیں، جن کو آپ نے نہایت شفقت و محبت کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحب زادی حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کی سیرتِ طیبہ کے مطابق تربیت دی اور فرمانِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو ادا کرتے ہوئے اپنی صاحب زادیوں کو پارۂ جگر تصور کیا۔ اُن کی پرورش و پرداخت میں حقِ پدری ادا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کے نواسوں میں ہر کوئی ’’ہر گلے را رنگ و بوئے دیگر است‘‘کے مصداق گلشنِ اسلام کا بے خزاں شگفتہ پھول تصور کیا جاتا ہے۔

حج و زیارت

مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کو تین مرتبہ حجِ بیت اللہ شریف اور زیارتِ مواجہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سعادت حاصل ہوئی۔ آپ نے پہلا حج 1364ھ/1945ء میں اوردوسرا حج1366ھ / 1948ء میں ادا کیا۔ ان دونوں حج و زیارت کے دوران پاسپورٹ میں فوٹو کی قید نہیں تھی۔ جب آپ نے تیسرا حج اپنی زوجۂ محترمہ کے ہم راہ 1391ھ/1971ء میں ادا کیا تو اس وقت پاسپورٹ میں فوٹو لازمی ہو گیا تھا لیکن آپ کا یہ حج اس لحاظ سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے کہ آپ نے بغیر فوٹو کے حج کی سعادت حاصل کی۔ اس معاملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ تقوا و طہارت کی کس بلند منزل پر فائز تھے اور فرمانِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل میں آپ کتنے غیور تھے۔ (9)

نقش سراپا

جب آپ کے حسن و جمال اور نقش سراپا پر نظر کرتے ہیں تو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کے نقش و نگار پر جو خامہ فرسائی آپ کے شاگرد و خلیفہ جناب مفتی سید شاہد علی رام پوری نے کی ہے اُنھیں کے حوالے سے معمولی حذف و اضافہ کے ساتھ دیگر مصنفین نے نقل کیا ہے۔ لہٰذا اسی روایت کو اعتبار کا درجہ حاصل ہے۔ ذیل میں آپ کا سراپامفتی موصوف کی زبانی خاطر نشین ہو :
’’رنگت سرخی مائل سفید، قد میانہ، بدن نحیف، سر بڑا گول اس پر عمامہ کی بہار، چہرہ گول روشن و تاب ناک نور برساتاہواجسے دیکھ کر خدا کی یاد آ جائے، پیشانی کشادہ، بلند تقدس کا آثار لیے ہوئے، بھویں گنجان ہالہ لیے ہوئے، پلکیں گھنی بالکل سفید ہالہ نما، آنکھیں بڑی بڑی کالی چمک دار گہرائی و گیرائی لیے ہوئے، رخسار بھرے بھرے گداز روشن جلال و جمال کا آئینہ، ناک متوسط قدرے اٹھی ہوئی، مونچھ نہ بہت پست نہ اٹھی ہوئی، لب پتلے گلاب کی پتی کی طرح تبسم کے آثار لیے ہوئے، دنداں چھوٹے چھوٹے ہم وار موتیوں کی لڑی کی طرح جب تبسم ریز ہوتے، کان متناسب قدرے درازی لیے ہوئے، گردن معتدل، سینہ فراخ کچھ روئیں لیے ہوئے، کمر خمیدہ مائل، ہاتھ لمبے لمبے جو سخاوت و فیاضی میں بے مثل، کلائیاں چوڑی روئیں دار، ہتھیلیاں بھری ہوئیں گداز، انگلیاں لمبی لمبی موزوں کشادہ، پاؤں متوسط، ایڑیاں گول موزوں۔ ‘‘(10)

خصوصیات

مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کی حیات و خدمات کا تحقیقی جائزہ لینے کے بعد اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ آپ گوناگوں خصوصیات اور متنوع صفات کے حامل تھے، آپ کی ہمہ جہت خوبیوں میں تین خوبیاں انتہائی نمایاں اور ممتاز ہیں :
(1)عشق رسالت مآب صلی اﷲ علیہ وسلم۔ یہ آپ کے خانوادے کا طرۂ امتیاز ہے۔
(2)تقوا۔ مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کے عہد میں اور بعد بھی دور دور تک تقوا میں کوئی آپ کا مثیل و نظیر نہیں۔
(3)تفقہ فی الدین(دیٖن کی سمجھ)۔ یہ وہ امتیازی وصف ہے جس میں آپ اپنے معاصرین مفتیانِ کرام کے مقابلہ میں سب سے زیادہ نمایاں تھے۔ اسی سبب سے آپ کو ’’مفتیِ اعظم ‘‘ کے لقب سے سرفراز کیا گیا۔
علاوہ ازیں آپ نے ہمیشہ آل رسول کا احترام کیا، غیر محرم عورتوں کو کبھی بھی بے پردہ نہیں دیکھا نہ ہی کبھی غیر محرم عورتوں کو بے پردہ مرید کیا، بے شرع کو سخت فضیحت اور شریعت مطہرہ پر قائم رہنے کی نصیحت کی، آپ نے تا حیات نماز کی ادائیگی میں پاسداری اختیار کی، حتیٰ کہ نماز تہجد اور دیگر نوافل پر بھی مداومت کی، طہارت کا یہ عالم تھا کہ ہمیشہ وضو سے رہتے ہوئے بھی ہر نماز کے لیے تازہ وضو فرماتے، ڈاکٹروں کی ممانعت پر بھی آپ نے حالتِ بیماری میں وضو کیا، انگریزی اشیا، دوات، دوائیں اور دیگر کو کبھی بھی استعمال نہ کیا، آپ کی طبیعت میں مہمان نوازی کا جذبہ نہایت بلند تھا، گویا مہمان کو آپ خدا کی رحمت سمجھتے تھے اور ہر کس و ناکس سے شفقت و محبت کا سلوک کرنا آپ کی منکسر المزاجی کو ظاہر کرتا ہے۔ غرض یہ کہ آپ سراپا خلوص و محبت تھے۔

وصال

مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی تا عمر اہلِ اسلام کو اپنے علمی، روحانی اور عرفانی فیوض سے مالامال فرماتے رہے۔ اللہ رب العزت کی مرضی و مشیت کے مطابق علم و فضل اور زہد و اتقا کا یہ روشن ستارہ 92 ؍برس کی عمر میں 14؍ محرم الحرام1402ھ بمط12نومبر 1981ء بروز جمعرات شب ایک بج کر چالیس منٹ پر غروب ہو گیا۔ جوں ہی ریڈیو کے ذریعہ آپ کے وصالِ پُر ملال کی خبر اکنافِ عالم میں نشر ہوئی، پورے عالمِ اسلام میں رنج و غم کی فضا چھا گئی۔ سارا ماحول سوگوار ہو گیا۔ مختلف ممالک سے آپ کے عقیدت مند، مریدین و متوسلین جوق در جوق اپنے اس عظیم روحانی رہِ نما کے آخری دیدار کے لیے بریلی جمع ہونے لگے۔ 15؍ محرم ا لحرام 1402ھ بروز جمعہ صبح تقریباً نو بجے آپ کے جسدِ خاکی کو غسل دیا گیا۔ صبح تقریباً دس بجے جنازۂ مبارک لاکھوں عشاق کی اشک بار آنکھوں سے خراجِ عقیدت و محبت وصول کرتا ہوا کلمۂ طیبہ اور درود و سلام کی پُر کیف و روحانی گونج میں کاشانۂ اقدس سے بر آمد ہوا۔ یہ وہ لمحہ تھا جب ہر دل تڑپ رہا تھا۔ ہر آنکھ برس رہی تھی۔ ہر فرد مغموم تھا گویا انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا جو اپنے اس عظیم محسن کو آخری آرام گاہ تک پہنچا نے کے لیے بریلی میں امنڈ آیا تھا۔ تقریباً دوپہر سوا تین بجے نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ جس کی امامت پیر طریقت مولاناسید مختار اشرف اشرفی الجیلانی الملقب بہ سرکار کلاں کچھوچھوی نے کی۔ اخباری رپورٹوں کے مطابق نمازِ جنازہ میں تقریباً پانچ لاکھ اور جلوسِ جنازہ میں تقریباً بیس لاکھ مسلمانوں نے شرکت کی۔ حکومتِ وقت کے وزرا اور بیرونِ ملک کے سفرا و مشاہیر بھی بریلی حاضر ہوئے۔ تقریباً ہر زبان کے ملکی و بین الاقوامی اخبارات و رسائل نے حضرت نوریؔ بریلوی کے وصالِ پُر ملال پر تعزیتی پیغامات شائع کیے۔ (11)
مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی کے مریدین ہندوستان، پاکستان کے علاوہ حجازِ مقدس، مصر، عراق، برطانیہ، افریقہ، امریکہ، ترکی، افغانستان، بنگلہ دیش، وغیرہ ممالک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ بڑے بڑے علما، فضلا اور دانش وروں نے آپ سے شرف بیعت حاصل کیا۔ آپ کے مریدین کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے، روایتوں میں آتا ہے کہ بیش تر جن بھی آپ سے بیعت تھے۔ آپ کی علمی و ادبی اور سیاسی و تدریسی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ جس کی تفصیل کے لیے ایک دفتر درکار ہے۔ اگلے صفحات پر آپ کی خدمات پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔
٭٭٭

حواشی

(1)ماہ نامہ اعلیٰ حضرت :مفتیِ اعظم نمبر، ستمبر، نومبر 1990ء، ص14/15
(2)پندرہ روزہ رفاقت: پٹنہ ج 1، ش 5، 1؍ فروری 1982ئ، ص 6
]نوٹ :مفتیِ اعظم قدس سرہٗ کی تاریخ ولادت سے متعلق مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں : ’’ تاریخ ولادت بعض سوانح نگاروں نے 25؍ جمادی الاولیٰ 1310ھ لکھا ہے یہ صحیح نہیں ہے، خود حضرت مفتیِ اعظم ہند نے اپنی تاریخ ولادت 22؍ ذی الحجہ 1310ھ بتائی ہے۔ خود حضرت مفتیِ اعظم ہند سے یہ سننے والے آج بھی اتنے موجود ہیں کہ ان سب کو غلط نہیں کہا جا سکتا، ایک شہرت یہ ہے کہ مفتیِ اعظم کا تاریخی نام ’’محمد‘‘ ہے۔ اس طرح کہ سالِ ولادت 1892ء ہے، اور بہ حذفِ صدی 92 کا عدد آتا ہے۔ مگر قواعد اس کی تائید نہیں کرتے۔ سنہ ہجری و عیسوی میں تطابق کے جتنے قاعدے ہیں کسی قاعدے سے تطابق نہیں ہوتا۔ ہر قاعدے سے سالِ عیسوی 1893ء آتا ہے۔ نہ معلوم کیسے اسے شہرت ہو گئی۔ بہ ہر حال! 1892ء درست نہیں۔ اس کا ایک قرینہ یہ بھی ہے کہ الملفوظ میں اَعلا حضرت کا یہ ارشاد تو مذکور ہے کہ میرے بڑے بیٹے حامد رضا کا تاریخی نام ’’محمد‘‘ ہے، ان کا سالِ ولادت 1292ھ ہے … … مقام اس کا مقتضی تھا کہ اگر واقعۃً حضرت مفتیِ اعظم کا نام نامی ’’محمد‘‘ بھی تاریخی ہوتا تو اس کا تذکرہ بھی ضرور فرماتے خصوصاً جب کہ وہی جامعِ ملفوظات ہیں۔ ‘‘[ … (شریف الحق امجدی، مفتی: مقالہ مفتیِ اعظم اپنے فضل و کمال کے آئینے میں، مشمولہ: انوارِ مفتیِ اعظم، رضا اکیڈمی، ممبئی، اکتوبر 1992ء، ص 275 ) … ( علاوہ ازیں کمپیوٹر سافٹ ویئر Hijri Gregorian Conveمشمولہ: انوارِ مفتیِ اعظم، رضا اکیڈمی، ممبئی، اکتوبر 1992ء، ص 275 ) … ( علاوہ ازیں کمپیوٹر سافٹ ویئر Hijri Gregorian Converterسے بھی 22؍ ذی الحجہ 1310ھ کی عیسوی تاریخ 7؍ جولائی 1893ء بر آمد ہوتی ہے، مشاہدؔ )
(3) شاہد علی رضوی، سید، مفتی:مقدمہ مفتی اعظم اور ان کے خلفا، رضا اکیڈمی، ممبئی، ج1 ص 20
(4) شاہد علی رضوی، سید، مفتی:مقدمہ مفتی اعظم اور ان کے خلفا، رضا اکیڈمی، ممبئی، ج1 ص 22/23
(5) شاہد علی رضوی، سید، مفتی:مقدمہ مفتی اعظم اور ان کے خلفا، رضا اکیڈمی، ممبئی، ج1 ص 25
(6) محمد جلال الدین قادری:محدث اعظم پاکستان، مکتبۂ نبویہ، لاہور، ج۱ ص67
(7)مرزا عبدالوحید بیگ بریلوی: حیاتِ مفتیِ اعظم کی ایک جھلک، مطبوعہ بریلی، ص 6
(8) شاہد علی رضوی، سید، مفتی:مقدمہ مفتی اعظم اور ان کے خلفا، رضا اکیڈمی، ممبئی، ج1 ص 31/32
(9)شریف الحق امجدی، مفتی: مقالہ مفتیِ اعظم اپنے فضل و کمال کے آئینے میں، مشمولہ: انوارِ مفتیِ اعظم، رضا اکیڈمی، ممبئی، اکتوبر 1992ء، ص 276
(10) شاہد علی رضوی، سید، مفتی:مقدمہ مفتی اعظم اور ان کے خلفا، رضا اکیڈمی، ممبئی، ج1 ص 17/18
(11)ماہ نامہ اعلیٰ حضرت :مفتی اعظم نمبر، بریلی، ستمبر تا نومبر 1990ء ص49
٭٭٭
تشکر: مصنف جنہوں نے فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مختصر حیاتِ مفتیِ اعظم علامہ مصطفیٰ رضا نوریؔ بریلوی