دین و مذہب

مسلم پرسنل لا

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (12,756 الفاظ)

مسلم پرسنل لا

مولانا سید شاہ منت اللہ رحمانی ؒ
سابق جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

شائع کردہ مرکزی دفتر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ-نئی دہلی

دو باتیں

’’مسلم پرسنل لا‘‘ قانون شریعت کا اہم حصہ ہے، قانون شریعت کا تحفظ اور مسلمانوں کی زندگی میں اس کا نفاذ اسلام کا مطالبہ ہے۔ ’’مسلم پرسنل لا‘‘ کیا ہے؟ اس کو جاننے اور اس کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے حضرت مولانا منت اللہ صاحب رحمانی جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا یہ قیمتی رسالہ بیحد اہم اور ضروری ہے۔
کچھ دنوں پہلے یہ رسالہ شائع ہوا اور قلیل عرصہ میں ختم ہو گیا، اہل علم اور دانشوروں نے اس کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا ۔ لوگوں کا شدید مطالبہ ہو رہا تھا اسے دوبارہ شائع کیا جائے، چنانچہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اس کی افادیت و اہمیت کے پیش نظر پھر اسے شائع کر رہا ہے۔(۱) اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ مسلم پرسنل لا کو سمجھنے اور اس کے تحفظ کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی مسلمانوں کو توفیق بخشے۔ آمین!
عبد الستار یوسف شیخ
سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

(۱)رسالہ کی اسی اہمیت و افادیت کے پیش نظر اب اس کا تیسرا ایڈیشن شائع کیا جا رہا ہے۔ (دفتر بورڈ نئی دہلی ۲۰؍نومبر ۲۰۰۷ء)۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم عرض ناشر

مسلم پرسنل لا کا مسئلہ رہ رہ کر سیاسی رہنماؤں اور حکومت کے ذمہ داروں کی زبان پر آتا ہے اور یہ آواز بلند کی جاتی ہے کہ مسلم پرسنل لامیں تبدیلی کی جائے، علماء کرام اور مسلم رہنماؤں نے اجتماعی اور انفرادی طریقہ پر بارہا یہ بات واضح کر دی ہے کہ مسلمانوں کی دینی، تہذیبی اور سماجی زندگی سے مسلم پرسنل لا کا رشتہ نہایت گہرا ہے اس لئے حکومت کی طرف سے کی گئی کوئی تبدیلی مسلمانوں کے لئے قابل قبول نہیں ہو گی۔ اس مسئلہ پر صرف علمائے کرام غور و فکر کر سکتے ہیں۔
اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت اس مسئلہ میں براہِ راست مداخلت نہیں کرنا چاہتی اس کی خواہش ہے کہ مسلم پرسنل لا میں تبدیلی خود مسلمانوں کے مطالبہ کے نتیجہ میں ہو۔ ادھر کچھ عرصہ سے چند مسلمانوں نے نام نہاد ترقی پسندی کے نام پر پرسنل لا میں تبدیلی کا مطالبہ شروع کر دیا ہے۔ اور مختلف مقامات پر چھوٹے چھوٹے اجتماع کر کے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ مسلم پرسنل لا میں تبدیلی لائے اور مسلم معاشرہ کو ’’اس بندھن‘‘ سے آزاد کرایا جائے۔
اس مرحلہ میں ضرورت ہے کہ مسلمان مسلم پرسنل لا کے متعلق صحیح صورت حال سے واقف ہوں اور پوری بصیرت کے ساتھ وہ یہ جان لیں کہ مسلم پرسنل لا کی بنیاد کیا ہے؟ اس کی تاریخ کیا رہی ہے؟ دستورِ ہند میں اسے کیا حیثیت دی گئی ہے؟ اس میں تبدیلی ہو سکتی ہے یا نہیں؟ حکومت یا نام نہاد ترقی پسندوں کو مسلم پرسنل میں ترمیم و تبدیلی کا حق ہے یا نہیں؟— تاکہ آنے والے دنوں میں وہ پوری واقفیت اور ذہنی تیاری کے ساتھ نام نہاد ترقی پسندوں کی یورش اور حکومت کے ارادوں کا مقابلہ اور علماء کرام کے اقدام کی تائید کر سکیں۔
پیش نظر رسالہ ’’مسلم پرسنل لا‘‘ اسی ضرورت کو پورا کرتا ہے، اس رسالہ میں مسلم پرسنل لا کا مفہوم، اس کی تاریخ اور دینی حیثیت واضح کی گئی ہے۔ اور بتایا گیا ہے کہ مسلم پرسنل لا شریعت اسلامیہ کا ایک حصہ ہے۔ شریعت اسلامیہ میں تبدیلی کا حق حکومت کو حاصل نہیں ہے۔ زمانہ کے انقلابات اور تہذیب و رواج کی تبدیلی کی وجہ سے جو نئے مسائل پیدا ہو گئے ہیں، ان پر غور و فکر اور ان کے دینی حل پیش کرنے کی ذمہ داری اہل علم اور علماء کرام کی ہے۔
یہ مقالہ اسلامک اسٹڈیز سرکل علی گڈھ کی دعوت پر حضرت امیر شریعت مولانا منت اللہ صاحب رحمانی مدظلہٗ نے لکھا اور مسلم پرسنل لا پر منعقد کئے گئے سمینار (مؤرخہ ۱۴؍، ۱۵؍ستمبر ۱۹۶۹؁ء) میں پڑھا تھا، اسے حاضرین، اہل علم اور علماء کرام نے پسند کیا تھا اور مختلف اردو اور عربی اخبارات و رسائل میں شائع ہوا تھا۔
اِدھر چند مہینوں سے پھر ملک میں یہ بحث چل پڑی ہے اس لئے اب مقالہ اضافوں کے ساتھ کتابی شکل میں پیش کیا جا رہا ہے۔
امید ہے کہ اس اہم دینی مسئلہ سے دلچسپی رکھنے والے اہلِ علم اور مسلمان ’’مسلم پرسنل لا‘‘ کا ذوق و شوق سے مطالعہ کریں گے۔
ہمیں خوشی ہے کہ ہم نہ صرف یہ اہم رسالہ پیش کر رہے ہیں بلکہ اسی سلسلہ میں حضرت امیر شریعت مدظلہٗ کا ایک دوسرا رسالہ بھی جلد ہی پیش کرنے والے ہیں جس کا عنوان ہے ’’قانون شریعت کے مصادر اور نئے مسائل کا حل‘‘ خدا اِن کوششوں کو قبول فرمائے۔ (آمین)
(مولانا)سید نظام الدین
ناظم امارت شرعیہ، پھلواری شریف، پٹنہ

الحمد للہ وحدہٗ لا شریک لہٗ والصلاۃ والسلام علی محمد لا نبی بعدہٗ

مسلم پرسنل لا کی مراد

مسلم پرسنل لا یعنی مسلمانوں کا شخصی قانون جب ہم اس لفظ کو استعمال کرتے ہیں تو ہماری اس سے کیا مراد ہوتی ہے؟ وہ ایک مکمل قانون شریعت جو قرآن و سنت، اجماع اور اجتہاد ائمہ سے ثابت ہے یا وہ مخصوص قانون جس کو انڈین شریعت ایکٹ ۱۹۳۷؁ء کی دفعہ ۲ میں ’’مسلم پرسنل لا‘‘ کے نام سے تعبیر کیا گیا ہے۔
اصل صورت حال یہ ہے کہ اسلام نے اپنے تمام متبعین کی پوری زندگی کو اللہ کے حکم کے تحت قرار دیا ہے۔ اس وجہ سے انسانی زندگی کے مختلف النوع مسائل کے بارے میں احکام نازل ہوئے اور جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ہدایتیں دیں یا صحابہؓ نے نئے پیش آمدہ مسائل و حالات پر باہمی مشورہ سے کوئی فیصلہ کیا یا ائمہ مجتہدین نے اشباہ و نظائر، کلیات و اصول کی روشنی میں احکام مستنبط کئے اور ان تمام احکام کے مجموعہ کا نام شریعت اسلامی قرار پایا۔
جب خلافت راشدہ کے عہد میں اور اس کے بعد فتوحات کا دائرہ وسیع ہوا اور تمدنی ضرورتیں بڑھیں تو وہاں بھی شریعت کے مقررہ اصول کو سامنے رکھ کر احکام مستنبط کئے گئے۔
جب آہستہ آہستہ حکومتوں میں شخصی رجحانات کا غلبہ بڑھتا گیا تو ان حکومتوں کو اپنی خواہشات نفس کی تکمیل، اپنے سیاسی اقتدار کے تحفظ اور برتری قائم رکھنے کی فکر نے اسلام کے اجتماعی احکام کو تدریجاً معطل کرنے پر مجبور کر دیا اور دوسری طرف مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی تسکین کے لئے ان کے معاشرتی قوانین قائم رکھے گئے۔ اس طرح وہ اسلام جس کے احکام شخصی اور اجتماعی زندگی میں، سیاست اہلی نیز سیاست مدنی میں ایک درجہ پر قابل اتباع تھے تفریق کا شکار ہو گیا۔جب یورپ سے اقتدار کا طوفان اٹھا تو اس نے مسلم ممالک میں یہی حربہ استعمال کیا۔ اور قانون اہلی کو قائم رکھا۔ اور اجتماعی مسائل میں رومن لا نافذ کیا گیا آج یورپ کے اقتدار سے آزادی کے بعد جو حکومتیں مسلم ممالک میں قائم ہیں وہاں اب تک پہلا ہی قانون تھوڑی سی ترمیمات کے ساتھ نافذ ہے اور ان ممالک میں اقتدار کی کلید جن ہاتھوں میں ہے وہ اپنے رجحانات، افکار اور خیالات کے اعتبار سے پوری طرح یورپ کے دریوزہ گر ہیں اور اس کے صحیح وارث و جانشیں، اسی کا نتیجہ ہے کہ اب مسلمانوں کے قانون اہلی میں بھی ایسی ترمیمات کے دروازے کھولے جا رہے ہیں جو یا نصوص شرعیہ کے معارض ہیں یا ان کے پیچھے کتاب و سنت کے قائم کردہ اصول کی کوئی سند نہیں، ایسے حالات میں ان مسلم ممالک میں کی جانے والی قانونی تبدیلیاں ہمارے لئے حجت نہیں اور نہ بلا غور و فکر قابل قبول۔

مسلم پرسنل لا انگریزوں کے عہد میں

ہندوستان میں جب انگریزوں کا غلبہ اور اقتدار ہوا تو قانون اسلامی کو اس کی محدود شکل میں جاری رکھا گیا اور فیصلے کے لئے نظام قضاء باقی رکھا گیا۔ بعد کو یہ مسائل بھی عام عدالتوں کے حوالہ کر دئے گئے لیکن مسلمانوں کے معاملات میں قانون شریعت کو جاری اور باقی رکھا گیا۔ انڈین شریعت ایکٹ ۱۹۳۷ء؁ کی دفعہ ۲ میں اس کی تصریح کر دی گئی کہ:
شریعت ایکٹ کے نفاذ کے بعد کوئی دوسرا رواج یا دستور جو اس وقت تک عمل میں رہا ہو۔ شریعت کے خلاف ان معاملات میں جو مسلم پرسنل لا کے مطابق مسلمانوں میں نافذ کئے جانے چاہئیں، لاگو نہیں ہو گا۔
لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ بھی واضح کر دیا گیا کہ اگرچہ مسلم پرسنل لا اپنے عمومی مفہوم کے اعتبار سے ہر معاملہ میں وہی ہے جس کا قرآن میں اجمالی تذکرہ ہے اور جس کی وضاحت احادیث کرتی ہیں۔ یا جن کے فیصلے اجماع اور قیاس سے ائمہ اربعہ نے کئے ہیں۔ یا شیعہ حضرات کے نقطۂ نظر سے ان کے ائمہ مطہرین نے کئے ہیں مگر یہ وسیع مفہوم ہندوستان میں نہیں لیا گیا۔ بلکہ مسلم پرسنل لا کو وراثت، نکاح، خلع، (طلاق) ایلاء، ظہار، فسخ نکاح، نفقہ، مہر، حضانت، اوقاف میں محدود کر دیا گیا۔ چنانچہ محمڈن لا مصنفہ بابو رام ورما (تیسرا ایڈیشن) کی پہلی دفعہ حسب ذیل ہے:

دفعہ۱:
’’ہندوستان میں محمڈن لا صرف ان ہی معاملات میں مسلمانوں پر نافذ ہو گا جن کے لئے دستور ہند کے آرٹیکل نمبر ۲۲۵ میں کہا گیا ہے یا ان معاملات میں جن کے بارے میں کسی قانون کے ذریعہ ہدایت کی گئی ہے یا اجازت دی گئی ہے‘‘۔
گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ ۱۹۳۵ء کی دفعہ ۳۲۳ کہتی ہے کہ:
’’جب فریقین ایک ہی پرسنل لا کے ماتحت ہوں تو وراثت اور معاہدہ کے مقدمہ میں ان کی شنوائی ان کے پرسنل لا کے مطابق ہو گی۔ اور فریقین کے پرسنل لا مختلف ہوں تو مقدمہ کا فیصلہ مدعا علیہ کے پرسنل لا کے مطابق ہو گا۔‘‘
اس طور پر غیر مسلموں کو ان کے مدعا علیہم رہنے کی حالت میں ان معاملات میں قانونِ شریعت سے بری کر دیا گیا۔ اس دفعہ میں یہ شرط بھی رکھی گئی تھی کہ یہ حقوق قانون سے بدلے بھی جا سکتے ہیں۔ چنانچہ قانون معاہدہ (Indian Contract Act) نے معاہدات کو مسلم پرسنل لا سے خارج کر دیا اور اب معاہدات میں خواہ فریقین مسلم ہی کیوں نہ ہوں انڈین کنٹریکٹ ایکٹ ہی نافذ کیا جائے گا اسی طرح انڈین انٹرسٹ ایکٹ (Indian Interest Act) کے ذریعہ سودی لین دین کو مسلم پرسنل لا کی حدود سے باہر کر دیا گیا۔
ابتداء ً مسلم پرسنل لا کا تصور بہت مبہم تھا۔ بنگال آگرہ،آسام سول کورٹس ایکٹ ۱۸۸۷؁ء میں کہا گیا کہ:
’’کسی متضاد قانون کی غیر موجودگی کی صورت میں وراثت، نکاح، شادی کے تمام معاملات محمڈن لا کے مطابق فیصل ہوں گے۔ بشرطیکہ فریقین مسلمان ہوں‘‘۔
ظاہر ہے کہ یہ مبہم تصور انتشار کا باعث بنا اور مختلف ہائی کورٹس نے مختلف رائیں ظاہر کیں۔ اسی لئے انڈین شریعت ایپلی کیشن ایکٹ ۱۹۳۷؁ء لایا گیا جس کی رو سے یہ واضح ہو گیا کہ مسلم پرسنل لا کی حدود میں صرف وراثت، نکاح، خلع، فسخ، طلاق، ایلاء، ظہار، مبارات، حق شفعہ، خورش پوشش، مہر، حضانت، ہبہ اور اوقاف شامل ہیں۔ اسی لئے ثبوت نسب کے احکام قانون شریعت کے تحت داخل نہیں رہے بلکہ قانون شہادت کے مطابق قرار دئے گئے۔ چنانچہ قانون شہادت کی دفعہ ۱۱۲؎ کی رو سے اگر شوہر کے انتقال کے ۲۸۰ دنوں بعد کوئی بچہ پیدا ہوا تو وہ ثابت النسب نہیں ہو گا۔ حالانکہ فقہ حنفی کی رو سے حمل کی اکثر مدت دو برس ہے اس لئے بعد وفات شوہر کسی عورت کے اگر دو برس کے اندر کوئی بچہ پیدا ہو تو اس کا نسب شوہر متوفیٰ سے ثابت تسلیم کیا جائے گا۔
گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ ۱۹۳۵ء کے ضمیمہ ۷ میں مسلم پرسنل لا کی جو فہرست دی گئی ہے اس میں بلوغ و عدم بلوغ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ موجودہ دستور ہند کی دفعہ ۲۲۵؎ ان تمام قوانین کو نافذ قرار دیتی ہے جو دستور کے نفاذ سے پہلے سے نافذ چلے آرہے ہیں۔ نتیجۃً گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ ۱۹۳۵ء اور انڈین شریعت ایکٹ ۱۹۳۷ء اب بھی مسلمانوں پر نافذ ہیں اور اس وقت تک نافذ تصور کئے جائیں گے جب تک صوبائی دستور ساز اسمبلیاں یا پارلیمنٹ اپنے حدود اختیارات کے اندر ان میں سے کسی دفعہ کو رد نہ کر دے۔

مسلم پرسنل لا موجودہ دستور ہند میں

موجودہ دستور ہند میں کچھ ہدایاتی دفعات بھی ہیں جن میں دفعہ ۴۴ میں مرقوم ہے کہ:
’’حکومت کو چاہئے کہ سارے ہندوستان کے لئے ایک مشترکہ کوڈ نافذ کرے۔‘‘
اس ہدایاتی دفعہ کا تقاضہ یہ ہے کہ ہندوستان کے تمام شہریوں کے لئے یکساں سول قانون بنایا جائے۔ اور مسلمانوں کو یا کسی اور طبقہ کو اس بارے میں جو اختصاصات حاصل ہیں اسے ختم کر دیا جائے۔
اس دفعہ کا پس منظر یہ ہے کہ جو لوگ متحدہ قومیت کے تصور کے لئے مذہبی معاشرتی اور ثقافتی وحدت بھی ضروری سمجھتے ہیں ان کے نزدیک ایک قوم کے افراد کے درمیان ایک زبان، ایک رسم الخط، ایک قانون وراثت، اور ایک ہی قسم کا معاشرتی اور تہذیبی نظام جاری رہنا چاہئے تاکہ قوم کے تمام ہی افراد کے درمیان پوری طرح یکسانی پیدا ہو جائے اور ملی امتیازات قائم نہ رہیں۔اس کے برعکس دستور کی دفعہ ۲۹ جو بنیادی حقوق سے متعلق ہے وہ ہندوستان میں بسنے والی مختلف اکائیوں کے لئے علیحدہ زبان، الگ رسم الخط اور علیٰحدہ تہذیب و تمدن کی بقاء و تحفظ کی ضمانت دیتی ہے اور جب دستور کی ان دو دفعات یعنی دفعہ ۴۴ (ہدایاتی) اور دفعہ ۲۹ (بنیادی حقوق) کے درمیان تعارض پیدا ہو رہا ہے تو یہ بات بھی مسلم ہے کہ ہدایاتی دفعہ کے ذریعہ دستور کے دئے ہوئے بنیادی حقوق شہریوں سے چھینے نہیں جا سکتے اس لئے دفعہ ۴۴ پر کوئی عمل اس وقت تک ممکن نہیں جب تک دستور میں دفعہ ۲۹ موجود ہے۔ الاّ یہ کہ دستور ہند کی دفعہ ۲۹ ہی میں ترمیم کر دی جائے یا اسے ختم کر دیا جائے۔

تبدیلی کا مطالبہ کیوں؟

مسئلہ کی مذکور الصدر قانونی حیثیت کے جان لینے کے بعد خود بخود یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ مسلم پرسنل لا میں ترمیم کا جو مسئلہ حکومت کے بعض ذمہ داروں یا کچھ سیاسی لیڈروں کی طرف سے بار بار اٹھایا جا رہا ہے اس کا پس منظر اور داعیہ یہ نہیں ہے کہ مسلم پرسنل لا اور شریعت ایکٹ کے تحت نافذ قانون میں سے کسی خاص قانون کے برتنے سے کوئی حرج یا مسلمانوں کے معاشرے میں کچھ مشکلات محسوس کی جا رہی ہیں۔ اس لئے ایسا سوچا جا رہا ہو کہ ان میں ترمیم کر دی جائے۔ بلکہ اصل مقصود دستور میں دئے گئے بنیادی حق (مذہبی اور ثقافتی آزادی) کو ختم کرنا اور ملی امتیازات کو مٹا کر پورے معاشرے میں یکسانیت پیدا کرنا ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ اس تحریک کا مقصد یہ ہے کہ مسلمان جو اپنے عقیدے کے مطابق کتاب و سنت اور فقہ اسلامی کو ہی واجب الاتباع سمجھتے ہیں اور بحالات موجودہ کم از کم جن چند مسائل کے اندر انہیں اپنی شریعت کے مطابق عمل کی آزادی حاصل ہے اسے بھی ختم کر کے عام انسانی خواہشات کی اتباع اور انسانوں کے بنائے ہوئے اصول اور قوانین کی بالاتری تسلیم کر لینے پر انہیں مجبور کر دیا جائے۔ ظاہر ہے کہ اسلامی نقطۂ نظر سے اس کی اجازت قطعاً نہیں دی جا سکتی۔

قرآن مجید کی رہنمائی

قرآن مجید کا مطالعہ اس طرف رہنمائی کرتا ہے کہ راہیں صرف دو ہیں یا تو شریعت محمدی علی صاحبہا الصلوٰۃ والسلام کی اتباع، یا اپنی خواہشات کی پیروی۔
اول الذکر ہدایت ہے اور آخرالذکر ضلالت و گمراہی۔ ان کے علاوہ کوئی تیسری راہ نہیں، اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
فان لم یستجیبوا لک فاعلم انما یتبعون اھوائھم ومن اضل ممن اتبع ھواہ بغیر ھدی من اللہ ان اللہ لا یھدی القوم الظالمین (قصص ع ۵)۔
پھر اگر وہ آپ کے کہنے پر عمل نہ کریں تو آپ سمجھ لیں کہ وہ محض اپنی خواہشات کی پیروی کرتے ہیں۔ اور اس شخص سے بڑھ کر گمراہ اور کون ہو سکتا ہے جو خدا کی ہدایت کو چھوڑ کر اپنی خواہشات کی اتباع کرے۔ یقیناً اللہ تعالیٰ ظالموں کو ہدایت نہیں دیتا۔
اسی طرح اللہ تعالیٰ نے جب حضرت داؤدؑ کو خلافت ارضی بخشی تو یہ حکم دیا کہ آپ فیصلہ ’’حق‘‘ یعنی وحی کی روشنی میں کیجئے اور ’’ہویٰ‘‘ یعنی مخالفت وحی کی پیروی نہ کیجئے۔
یا داؤد انا جعلناک خلیفۃ فی الارض فاحکم بین الناس بالحق ولاتتبع الھویٰ فیضلک عن سبیل اللہ ان الذین یضلون عن سبیل اللہ لھم عذاب شدید بما نسوا یوم الحساب (ص ع۲)۔
اے داؤد ہم نے تجھ کو ملک میں نائب بنایا۔ پس تم حکومت کرو لوگوں پر انصاف سے اور خواہشات کی اتباع نہ کرو۔ ورنہ وہ تجھ کو اللہ کی راہ سے بھٹکا دے گا۔یقیناً جو لوگ اللہ کی راہ سے بھٹک جاتے ہیں ان کے لئے سخت عذاب ہے اس سبب سے کہ انہوں نے حساب کے دن کو بھلا دیا۔

اسی طرح ایک تیسری آیت میں اللہ تعالیٰ نے دو راہیں بتائیں ایک تو اس کی نازل کردہ شریعت کی راہ ہے۔ جو بذریعہ وحی نبی ﷺ تک پہونچی۔ اور دوسری صورت ان لوگوں کی خواہشات کی پیروی ہے جو وحی الٰہی پر یقین نہیں رکھتے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کو اور ان کی امت کو اپنی نازل کی ہوئی شریعت پر چلنے کا حکم دیا اور خواہشات پر چلنے سے منع فرمایا۔
ثم جعلناک علی شریعۃ من الامر فاتبعھا ولا تتبع اھواء الذین لا یعلمون انھم لن یغنوا عنک من اللہ شیئاً (جاثیہ ع۱۸)۔
پھر ہم نے تجھ کو دین کے کام کے ایک راستہ پر رکھا۔ سو تو اسی پر چل اور نادانوں کی خواہشات کی اتباع نہ کر۔ وہ ہرگز اللہ کے مقابلہ میں تجھے کچھ بھی فائدہ نہ پہنچا سکیں گے۔
اسی طرح ایک اور آیت میں صاف صاف فرما دیا گیا ہے کہ آپ کے رب کی طرف سے جو شریعت آپ پر اتاری گئی ہے آپ اس پر عمل کیجئے، اس سے گریز اللہ کو چھوڑ کر دوسری ’’اولیاء‘‘ کی پیروی کے مترادف ہے۔
اتبعوا ما انزل الیکم من ربکم ولا تتبعوا من دونہ اولیاء قلیلاً ما تذکرون (اعراف ع۸)
اسی پر چلو جو تمہارے پروردگار کی طرف سے تم پر اترا ہے۔ اور نہ چلو اس کے سوا اور رفیقوں کے پیچھے، تم بہت کم دھیان کرتے ہو۔
اسی طرح ایک اور روایت میں اللہ اور رسول کی اطاعت کو ضروری قرار دیا گیا اور نزاعات کی شکل میں اللہ و رسول کی طرف لوٹنے کا حکم دیا گیا اور اسے تقاضائے ایمانی قرار دیا گیا، ارشاد ہوا
یا ایھا الذین آمنو اطیعوا اللہ و اطیعوا الرسول و اولی الامر منکم فان تنازعتم فی شیء فردوہ الی اللہ والرسول ان کنتم تؤمنون باللہ والیوم الاٰخر ذلک خیر و احسن تأویلا (نساء ۸)
اے مومنو! اطاعت کرو اللہ کی، اور حکم مانو رسول کا، اور ان کا جو تم میں سے صاحب امر ہوں، پھر اگر جھگڑ پڑو کسی چیز میں تو اس کو اللہ اور رسول کی طرف لوٹا دو، اگر تم اللہ اور قیامت کے دن پر یقین رکھتے ہو۔ یہی بات بہتر ہے، اور انجام کے لحاظ سے بھی اچھی ہے۔
اسی طرح قرآن نے یہ بات واضح کر دی کہ اللہ اور رسول کے کسی فیصلہ کے بعد مومن کو آگے کوئی دوسرا اختیار باقی نہیں رہتا۔
وما کان لمؤمن ولا مومنۃ اذا قضی اللہ و رسولہ امرا ان یکون لھم الخیرۃ من امرھم۔ (احزاب ع ۵)
اور کسی مومن مرد اور مومنہ عورت کو یہ حق نہیں کہ جب اللہ اور اس کا رسولؐ کسی کام کو طے کردے، تو ان کو ان کے کام میں اختیار باقی رہے۔

حضور صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان

اسی طرح جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے اس امت کا سب سے بڑا فتنہ ان لوگوں کو قرار دیا جو وحی الٰہی سے نظر پھیر کر اپنی رائے اور خواہشات کی بنیاد پر حلال کو حرام اور حرام کو حلال کرتے رہتے ہیں، حضورؐ نے فرمایا:
تفترق امتی علی بضع و سبعین فرقۃ اعظمھا فتنۃ قوم یقیسون الذین برایھم یحرمون بہ ما احل اللہ و یحلون ما حرم اللہ۔
(اعلام الموقعین بروایۃ عوف ابن مالک اشجعی، ص۵۳جلد ۱)۔
میری امت ستر سے اوپر فرقوں میں تقسیم ہو جائے گی، ان میں سب سے بڑے فتنہ والے وہ لوگ ہوں گے جو دین میں اپنی رائے سے قیاس کریں گے، اللہ تعالیٰ کی حلال کردہ چیزوں کو حرام قرار دیں گے، اور حرام کردہ چیزوں کو حلال ٹھہرائیں گے۔

شریعت میں من مانے قوانین کی گنجائش نہیں

اس طرح قرآن کریم کی آیات اور جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے ارشادات اس پر شاہد ہیں کہ بحیثیت مسلمان ہمارے لئے شریعت سے گریز اور روگردانی کر کے اپنے من مانے قوانین کی اتباع کے لئے کوئی گنجائش نہیں ہے، چاہے سیکولرازم اور متحدہ قومیت کے تقاضے جو کچھ بھی ہوں، اور میں نہیں سمجھتا کہ عقیدہ اور فکر کی آزادی، زبان اور رسم الخط کے تحفظ اور مذہب و ثقافت کی آزادی کے بلند بانگ دعووں کے بعد تہذیبوں، زبانوں، عقیدوں اور مذہبی تعلیمات کو فنا کرنے کا جواز کہاں سے پیدا ہو سکتا ہے۔

زمانہ کے تغیرات اور شرعی احکام

رہا دوسرا سوال اور وہ یہ کہ عصری رجحانات اور زمانے کے تغیرات اور سیاسی و سماجی انقلابات کے نتیجے میں احکام شرع کے اندر تبدیلی کی کوئی گنجائش ہے کہ نہیں اور اگر ہے تو اس کے لئے طریقۂ کار کیا ہو سکتا ہے۔ اس سلسلہ میں اولاً تو اس بات کو پوری طرح سمجھ لینا چاہئے کہ شریعت اسلامیہ کے بنیادی اصول قرآن و سنت کے قائم کردہ حدود کو توڑ کر جو راہ بھی اختیار کی جائے گی وہ دین سے رو گردانی اور گمراہی کی راہ ہو گی، علامہ ابن قیمؒ نے رائے کی تین قسمیں بتائی ہیں:
رای باطل بلاریب ورای صحیح، ورأی ھو موضع الاشتباہ (ج۱، ص ۶۷)۔
بلاشبہ باطل رائے ۔صحیح رائے ۔اور ایسی رائے جس میں تردد ہو۔
رائے باطل کی انہوں نے چند قسمیں کی ہیں اور فرماتے ہیں:
احدھا الرای المخالف للنص و ھذا مما یعلم بالاضطرار من دین الاسلام فسادہ و بطلانہ و لا تحل الفتیا بہ ولا القضاء وان وقع فیہ من وقع بنوع تاویل و تقلید (ج ۱ ص ۶۷)
پہلی وہ رائے جو نص کے مخالف ہو اور اس کا فساد و بطلان بالکل واضح ہے، اس سے فتویٰ دینا درست ہے اور نہ فیصلہ کرنا، اگرچہ کوئی اسے کسی بھی قسم کی تاویل و تقلید کے سبب کیوں نہ اختیار کرے۔
اسی طرح رائے باطل کی چند اور صورتوں کی وضاحت کرتے ہوئے ایک اصولی بات یہ فرمائی ہے کہ رائے کو وحی پر مقدم کر دینا اور خواہشِ نفس کو عقل پر مقدم کر دینا یہی سارے بگاڑ کی جڑ ہے۔
وکل من لہ مسکۃ عن عقل یعلم ان فساد العالم و خرابہ انما نشأ من تقدیم الرایٔ علی الوحی و الھویٰ علی العقل۔ (ج ۱، ص۶۸)
اور جسے بھی کچھ عقل ہے وہ سمجھتا ہے کہ دنیا کی بربادی اور اس کا بگاڑ صرف رائے کو وحی پر، اور خواہشات کو عقل پر مقدم کرنے اور ترجیح دینے کے سبب پیدا ہوا۔
اور آگے یہ فرماتے ہیں کہ جہاں یہ صورت حال پیدا ہو جائے کہ وحی پر رائے اور عقل پر خواہش نفس مقدم کر دی جائے تو حق کی جگہ باطل اور ہدایت کی جگہ گمراہی پیدا ہو گی۔
وما استحکم ھٰذان الاصلان الفاسد ان فی قلب الا استحکم ھلاکہ وفی امۃ الا فسد امرھا اتم فساد، فلا الٰہ الا اللّہ کم نفی بھٰذہ الآراہ من حق، و اثبت بھا من باطل، و امیت بھا من ھدی، واحیی بھا من ضلالۃ، وکم ھدم بھا من معقل الایمان، و عمر بھا من دین الشیطان (اعلام الموقعین ج۱، ص ۶۹-۶۸)۔
اور جب یہ دونوں فاسد بنیادیں کسی دل میں جاگزیں ہو جاتی ہیں، تو اس دل کی ہلاکت بھی مستحکم ہو جاتی ہے۔ اور اگر کسی قوم میں یہ چیز پیدا ہو جاتی ہے تو اس کا معاملہ بھی پوری طرح تباہی کے کنارے پہنچ جاتا ہے، پس خدا شاہد ہے کہ اس قسم کی غلط آراء سے کتنے ہی حق مٹ چکے ہیں اور کتنے ہی باطل وجود میں آئے ہیں۔ اور اسی قسم کی آراء سے بہت سی ہدایتیں دفن کی گئی ہیں، اور گمراہیوں کو زندگی ملی ہے۔ اسی پر بس نہیں بلکہ اس قسم کی آراء ایمان کے قلعوں کو منہدم کرنے اور شیطان کے طریقہ کو آباد کرنے کا ذریعہ بنی ہیں۔
اس لئے دین کے بارے میں نصوص شرعیہ سے آزاد ہو کر قواعد شرع کو نظر انداز کر کے کوئی راہ اختیار کرنے کا نتیجہ یہ ہو گا کہ دین کے مقاصد فوت ہو جائیں گے اور دین اور احکام الٰہی سے بغاوت کی راہ کھل جائے گی۔
بہر حال جس طرح یہ ایک عظیم الشان غلطی ہے اسی طرح عصری رجحانات، زمانے اور حالات کے تغیر اور ضرورت و حرج کو نظر انداز کر دینا بھی کچھ کم غلط نہ ہو گا، اس لئے کہ شریعت اسلامیہ اگر نئے حالات کی رعایت نہ کرسکی اور علماء اسلام زمانہ کے پیدا کردہ نئے مسائل کا جواب نہ دے سکے اور فقہ قدیم کی جزئیات پر جمود کی راہ اختیار کی گئی تو آہستہ آہستہ دین سے بیزاری کے رجحانات پیدا ہوں گے۔

نئے مسائل کا حل تلاش کرنا ہو گا

ان حالات کی بنیاد پر میرے نزدیک صحیح راہ یہ ہے کہ ایک طرف مقاصدِ شریعت اور روح احکام پر پوری نگاہ رکھی جائے دوسری طرف اصول و کلیات اور اشباہ و نظائر کو سامنے رکھ کر نئے مسائل کا حل نکالا جائے اور زمانے کے تغیر کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کو دور کیا جائے، یہی وہ راہ تھی جسے صحابۂ کرامؓ اور اکابر علماء نے ہر دور میں اختیار کی ہے۔

سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کا طریقہ

سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے حالات میں لکھا ہے کہ اگر ان کے سامنے کوئی مسئلہ آتا تو اولاً وہ کتاب اللہ میں اس کے حکم پر غور کرتے، پھر سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم میں تلاش کرتے، اور اگر یہاں بھی مسئلہ کا حل نہ نکل پاتا تو علماء صحابہؓ کو جمع کر کے مشورہ لیتے اور ان کی رائے کے مطابق فیصلہ فرماتے:
قال ابو عبید فی کتاب القضاء حدثنا کثیر بن ہشام عن جعفر بن برقان عن میمون بن مھران قال کان ابو بکر الصدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ اذا ورد علیہ حکم نظر فی کتاب اللہ تعالیٰ فان وجد فیہ ما یقضی بہ قضی بہ، و ان لم یجد فی کتاب اللہ نظر فی سنۃ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم فان وجد فیھا مایقضی بہ قضی بہ فان اعیاہ ذلک سئل الناس ھل علمتم ان رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم قضی فیہ بقضاء فربما قام الیہ القوم فیقولون قضی فیہ بکذا و کذا۔ فان لم یجد سنۃ سنھا النبی صلی اللہ علیہ و سلم جمع رؤساء الناس فاستشارھم فاذا اجتمع رایھم علی شئی قضی بہ۔ (اعلام الموقعین ج۱ ص ۶۲)
ابو عبید نے کتاب القضاء میں لکھا ہے کہ جب حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے سامنے کوئی معاملہ آتا تو وہ سب سے پہلے قرآن حکیم میں دیکھتے، اگر اس میں ایسی بات مل جاتی جس کی روشنی میں فیصلہ کیا جا سکتا ہو تو فیصلہ فرما دیتے، اور اگر کتاب اللہ میں اس کی نظیر نہ ملتی تو جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی سنتوں میں ڈھونڈھتے، اگر ان میں کوئی نظیر مل جاتی تو اسی کے مطابق فیصلہ فرما دیتے اور اگر انہیں سنت رسولؐ میں بھی کوئی اصل نہ ملتی تو لوگوں سے دریافت فرماتے کہ کیا تم لوگوں کو معلوم ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے اس طرح کے معاملہ میں کوئی فیصلہ فرمایا ہے؟ تو ان کے دریافت فرمانے پر بسا اوقات لوگ کھڑے ہو جاتے اور عرض کرتے کہ اس میں حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے ایسا ایسا فیصلہ فرمایا تھا۔ اور اگر جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی کسی سنت کا کچھ پتہ اس باب میں نہ چلتا تو وہ سرداران قوم کو جمع فرماتے اور ان سے مشورہ کرتے پھر جب ان تمام لوگوں کی رائیں کسی بات پر متفق ہو جاتیں تو اسی کے مطابق فیصلہ فرما دیتے۔

سیدنا عمر بن الخطابؓ کا طرزِ عمل

سید نا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کتاب اللہ، سنت رسول اللہؐ اور قضایائے ابی بکرؓ کے بعد وہی راہ اختیار کرتے تھے جو سیدنا ابوبکرؓ نے اختیار کی۔
وکان عمرؓ یفعل ذلک فاذا أعیاہ ان یجد ذلک فی الکتاب والسنۃ سئل ھل کان ابوبکر قضی فیہ بقضاء فان کان لابی بکر قضاء قضی بہ والا جمع علماء الناس واستشارھم فاذا اجتمع رایھم علی شئی قضی بہٖ (اعلام الموقعین ج۱ ص ۶۲)۔
اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ بھی یہی کیا کرتے ، اور جب انہیں کتاب و سنت میں کوئی اصل بنیاد نظر نہ آتی تو دریافت فرماتے کہ کیا حضرت ابوبکرؓ نے اس طرح کے کسی معاملہ میں کوئی فیصلہ فرمایا ہے؟ پس اگر حضرت صدیق کا کوئی فیصلہ مل جاتا تو اسی کے مطابق فیصلہ فرما دیتے، ورنہ پھر علماء کو جمع فرماتے اور ان سے مشورہ کرتے، اور جب ان کی رائے کسی نقطہ پر جم جاتی اور طے پا جاتی، تو اسی کے مطابق فیصلہ فرما دیتے۔
سیدنا عبد اللہ بن مسعودؓ جو صحابہ میں اپنے تفقہ اور دینی فہم کے اندر ممتاز ترین شخصیتوں میں سے ایک ہیں انہوں نے بھی اس طریق کار کی وضاحت فرما دی ہے، اور فرمایا ہے کہ اسلام کے آنے سے پہلے ہم پر ایسا وقت گزرا ہے جہاں کسی معاملہ کے فیصلہ اور قضا کا کوئی سوال ہی نہیں تھا، اور اب اللہ نے ہمیں اس مقام پر پہنچایا ہے جہاں ہم ان امور کے ذمہ دار ہیں اب ہمارے لئے راہ عمل یہی ہے کہ ہم کتاب اللہ کو رہنما بنائیں، اگر کوئی مسئلہ کتاب اللہ میں نہیں ہے جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے فیصلوں کی طرف متوجہ ہوں اور تیسرے نمبر پر صالحین کے فیصلوں سے روشنی حاصل کریں، اور اگر یہاں بھی مشکل حل نہ ہو تو پھر راہ اجتہاد کی ہے۔
وقال ابو عبید حدثنا ابو معاویۃ عن الاعمش عن عمارۃ عن عمیر عن عبد الرحمن بن یزید عن ابن مسعود قال اکثروا علیہ ذات یوم فقال انہ قد اتی علینا زمان و لسنا نقضی و لسنا ھناک، ثم ان اللہ تعالیٰ بلغنا ما ترون فمن عرض علیہ قضاء بعد الیوم فلیقض بما فی کتاب اللہ فان جاء ہ امر لیس فی کتاب اللہ ولا قضی بہ نبیہ صلی اللہ علیہ و سلم فلیقض بما قضی بہ الصالحون، فان جاء ہ امر لیس فی کتاب اللّٰہ ولا قضی بہ نبیہ صلی اللہ علیہ و سلم ولا قضی بہ الصالحون فلیجتھد رایہ۔ (اعلام الموقعین ج ۱ ص۶۲)۔
ابوعبید نے بیان کیا ہے کہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے لوگوں سے فرمایا کہ ایک زمانہ ہم پر ایسا گزرا ہے کہ نہ ہم فیصلہ کرتے تھے اور نہ اس کے اہل تھے پھر اللہ جل شانہٗ نے ہمیں اس مرتبہ تک پہنچایا جہاں تم ہمیں دیکھ رہے ہو، پس جس شخص کے سامنے کوئی معاملہ آئے تو اسے کتاب اللہ میں موجود نظیر کے مطابق فیصلہ کرنا چاہئے، اور اگر اس کی نظیر نہ کتاب اللہ میں ہو اور نہ اس کے مطابق کوئی فیصلہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا ہو تو پھر صلحاء کے فیصلے اپنے سامنے رکھنے چاہئیں۔ اور اگر کوئی ایسا معاملہ ہو جو نہ کتاب اللہ میں ہو اور نہ اس کے مطابق جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فیصلہ کیا ہو۔ اور نہ صلحاء نے تو اپنی رائے سے اجتہاد کر کے فیصلہ کرنا چاہئے۔
سیدنا عبد اللہ ابن عباسؓ کا بھی یہی حال تھا:
ذکر سفیان ابن عیینۃ عن عبید اللہ ابن یزید قال سمعت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما اذا سئل عن شیء فان کان فی کتاب اللہ قال بہ، وان لم یکن فی کتاب اللہ وکان عن رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم قال بہ، فان لم یکن فی کتاب اللہ ولا عن رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم وکان عن ابی بکر و عمر رضی اللہ تعالیٰ عنھما قال بہ، فان لم یکن فی کتاب اللہ ولا عن رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ولا عن ابی بکر و عمر رضی اللہ تعالیٰ عنھما اجتھد رایہ۔ (اعلام الموقعین ج ۱ ص۶۳)۔
عبید اللہ ابن یزید بیان کرتے ہیں کہ میں نے حضرت عبد اللہ ابن عباسؓ کو دیکھا کہ جب ان سے کسی بات کے بارے میں پوچھا جاتا، تو اگر اس کا جواب کتاب اللہ میں مل جاتا تو اسی کے مطابق فرما دیتے، ورنہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی احادیث میں نظیر مل جاتی تو اس کے مطابق فتویٰ دیتے۔ اور اگر ان دونوں میں کہیں کچھ نہ ملتا تو حضرات ابوبکرؓ و عمرؓ کے واقعات میں کوئی بنیاد مل جاتی تو اسی کے مطابق فیصلہ فرما دیتے اور اگر مذکورہ جگہوں میں کہیں کچھ نہ مل پاتا تو اجتہاد فرماتے۔
اور سید نا عمر بن الخطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سید نا ابو موسیٰ اشعری کو خط لکھتے ہوئے طریق اجتہاد کی طرف بھی اشارہ فرما دیا اور فرمایا:
الفھم الفھم فیما یختلج فی صدرک مما لم یبلغک فی الکتاب والسنۃ اعرف الامثال و الاشباہ ثم قس الامور عندک فاعمد الی احبھا الی اللہ واشبھا بالحق فیما تری۔ (الاشباہ والنظائر للسیوطی ص۶)
جو چیزیں کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ میں نہ ملیں تو ان پر بار بار غور کرو اور فہم سے کام لو۔ پھر مثالوں اور نظیروں کو معلوم کرو۔ اس کے بعد قیاس کرو، اور پھر ایسا پہلو اختیار کرو، جو تمہارے خیال میں اللہ کے نزدیک زیادہ پسندیدہ اور حق کے زیادہ قرین ہو۔
اس طرح سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ہر دور میں پیدا ہونے والے نئے مسائل اور نئے حالات میں رہنمائی حاصل کرنے کے لئے ایک واضح طریق کار متعین فرما دیا اور وہ یہ کہ شریعت میں مختلف مسائل پر احکام کی جو نظیریں منصوص اور منقول ہیں ان پر نگاہ رکھی جائے تاکہ غیر منصوص مسائل کو منصوص مسائل پر قیاس کیا جا سکے اور ساتھ ہی ساتھ اس طرف بھی اشارہ فرما دیا کہ ان نظائر کے درمیان جو باریک فرق ہیں ان پر بھی نگاہ رکھی جائے تاکہ اشتباہ نہ پیدا ہونے پائے، اور پھر اس بنیادی اصول کی طرف بھی رہنمائی فرما دی کہ اگر احکام کی روح اور مشروعیت کے مقاصد کو کبھی نظر انداز نہ کیا جائے تاکہ نئے مسائل میں احکام کے استخراج کے وقت مصالح شرعی فوت نہ ہونے پائیں اور شارع کی نظر کسی حکم کی مشروعیت کے وقت جن حکمتوں پر رہتی ہے وہ فوت نہ ہو جائیں۔

آثار صحابہ اور ائمہ مجتہدین کے فیصلے

آثارِ صحابہ کے تتبع سے بھی یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ بہتیرے مسائل میں صحابہ نے یہی راہ اختیار کی ہے ، اسی طرح علماء مجتہدین اور ہر دور کے علماء اپنے وقت کی نزاکتوں اور اصول شریعت کو سامنے رکھ کر اپنے دور کے مسائل کا حل کرتے رہے ہیں جن کے نظائر سے فقہ کی کتابیں بھری پڑی ہیں۔ خود سیدنا عمر فاروقؓ نے اپنے بہت سارے فیصلوں میں قرآن و سنت کی روح اور وقت کی مصلحتوں کو پیش نظر رکھ کر احکام جاری کئے ہیں مثلاً جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم اور سیدنا عمر فاروقؓ کے دور میں عورتیں مسجد جایا کرتی تھیں لیکن سید نا عمرؓ فاروق نے سیکڑوں برس پہلے فتنہ کی بو محسوس کر لی اور زمانہ کی تبدیلی اور حالات کے انقلاب نے انہیں اس نتیجہ پر پہنچایا کہ نگاہوں کی عصمت جو زمانہ نبوت میں تھی وہ باقی نہیں رہی ہے مسجد کی فضیلت اور فتنے کے دروازوں کو بند کرنا دونوں کے درجوں میں جو فرق ہے اسے سامنے رکھا۔ اور عورتوں کو مسجد کی حاضری سے حکماً روک دیا۔ اسی طرح مجاہدین کے بارے میں حکم دیا کہ وہ چار ماہ سے زیادہ باہر نہ رہیں ایک طرف جہاد اور جنگی حالات کا تقاضا اور دوسری طرف مسلمانوں کی معاشرت اور ان کے سماج کو فتنوں سے محفوظ رکھنا۔ دونوں حالات پر غور کر کے سیدنا عمر فاروقؓ نے چار ماہ کی حد مقرر فرما دی، اسی لئے القضاء فی الاسلام کے مصنف نے لکھا ہے:
فکان عمرؓ یجتھد فی تعرف الحکمۃ التی نزلت فیھا الآیۃ و یحاول معرفۃ المصلحۃ التی جاء من اجلھا الحدیث و یاخذ بالروح لا بالحرف۔ (القضاء فی الاسلام ۱۰۴، کتاب قضاء عمرؓ)
حضرت عمر رضی اللہ عنہ آیت کے نزول کی حکمت کو جاننے کی سعی فرماتے۔ اور اس مصلحت کو معلوم کرتے جس کے سبب حدیث وارد ہوتی تھی۔

ائمہ کرام کے فتاویٰ میں تجربہ کا اثر- چند مثالیں

(۱) اسی طرح بعد کے علماء نے حالات اور زمانہ کے تقاضوں کو ہمیشہ نگاہ میں رکھا چنانچہ امام ابوحنیفہؒ مدعا علیہ کی حاضری، سماع دعویٰ، سماع شہادت اور فیصلہ ان تینوں اوقات میں ضروری قرار دیتے ہیں، اور اگر ان تینوں اوقات میں سے کسی وقت بھی مدعا علیہ غیر حاضر ہو جائے تو اسے قضاء علی الغائب قرار دیتے ہیں، اور ایسا فیصلہ نافذ تسلیم نہیں کرتے، بخلاف اس کے امام ابو یوسف علیہ الرحمہ جن کو امور قضاء سے زیادہ سابقہ پڑا، فرماتے ہیں کہ مدعا علیہ کی حاضری صرف دعویٰ اور شہادت کے وقت ضروری ہے، بعد کے علماء نے جب یہ محسوس کیا کہ بعض اوقات مدعا علیہ حاضر نہیں ہوتا اور نہ اس کا حاضر کیا جانا ممکن ہے۔ اور اگر ا س شرط کی پابندی کی جائے تو سیکڑوں انسانوں کے حقوق ضائع ہو جائیں گے اور نظام قضا کی بنیادی مصلحت یعنی حقوق کی حفاظت اور عدل کا قیام ختم ہو جائے گا اور احکام معطل ہو جائیں گے تو انہوں نے اس معاملہ کو قاضی کے اختیار تمیزی پر چھوڑ دیا کہ وہ واقعات کی اصل نوعیت پر غور کرے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے اور حرج و ضرورت کا خیال رکھے۔ اور پھر ان سارے حالات و مسائل کو پیش نظر رکھ کر قاضی فیصلہ کرے، اور مفتی فتویٰ دے، شامی نے جامع الفصولین کے حوالہ سے لکھا ہے:
قال فی جامع الفصولین قد اضطربت آراؤھم و بیانھم فی مسائل الحکم للغائب و علیہ ولم یصف ولم ینقل عنھم اصل قوی ظاھر یبنی علیہ الفروع بلا اضطراب ولا اشکال فالظاھر عندی ان یتامل فی الوقائع و یحتاط و یلاحظ الحرج والضرورات۔ فیفتی بحسبھا جوازاً و فساداً مثلاً لو طلق امرأتہ عند العدل فغاب عن البلد ولا یعرف مکانہ او یعرف ولکن یعجز عن احضارہ او عن ان تسافر الیہ ھی او وکیلھا لبعدہ او لمانع آخر و کذا المدیون لو غاب ولہ نقد فی البلد او نحوہ ذلک ففی مثل ھٰذا لو برھن علی الغائب و غلب علی ظن القاضی انہ حق لا تزویر ولا حیلۃ فیہ فینبغی ان یحکم علیہ ولہ وکذا للمفتی ان یفتی بجوازہ دفعا للحرج و الضرورات و صیانۃ للحقوق عن الضیاع مع انہ مجتھد فیہ۔ ذھب الیہ الائمۃ الثلاثۃ و فیہ روایتان عن اصحابنا و ینبغی ان ینصب عن الغائب وکیل یعرف انہ یراعی جانب الغائب ولا یفرط فی حقہ، واقرہ فی نور العین قلت و یؤید مایاتی قریباً فی المنحر و کذا ما فی الفتح من باب المفقود لا یجوز القضاء علی الغائب لا اذا رای القاضی مصلحۃ فی الحکم لہ و علیہ فحکم فانہ ینفذ لانہ مجتھد فیہ۔ قلت وظاہرہ ولو کان القاضی حنفیا ولو فی زماننا ولا ینافی مامر لان تجویز ھذا للمصلحۃ والضرورۃ۔ (شامی ج۴ ص۳۵۳)
صاحب جامع الفصولین نے لکھا ہے کہ مفقود الخبر کے حق میں یا اس کے خلاف فیصلہ کرنے میں لوگوں کی رائیں اور ان کے بیانات مختلف ہیں اور ان سے کوئی ایسی مضبوط بنیاد نہیں نقل کی گئی ہے جس پر بلا اضطراب کے فروع کی بنیاد رکھی جا سکے۔ اس لئے میرے نزدیک واضح بات یہ ہے کہ مفتی واقعات میں غور و فکر کرے، اور احتیاط برتے اور تنگیوں، دشواریوں اور ضرورتوں کو مد نظر رکھے پھر اسی کے مطابق جواز یا عدم جواز کا فتویٰ دے، مثلاً اگر کسی نے اپنی بیوی کو شاہد عادل کی موجودگی میں طلاق دیدی، گواہ شہر سے کہیں اور چلا گیا۔ اور اس جگہ کی کوئی خبر نہیں۔ یا اسے حاضر کرنے سے عاجز ہے۔ یا خود عورت یا اس کا وکیل بعد مسافت یا کسی اور مانع کی بنا پر اس کے پاس جانے سے قاصر ہے۔ اسی طرح قرضدار کا حال ہے کہ اگر وہ غائب ہو گیا اور اس کا کچھ مال (نقدی) شہر میں ہے تو اس قسم کی صورت حال میں اگر مفقود الخبر کے خلاف شہادتیں قائم کر دی گئیں اور قاضی کو ظن غالب حاصل ہو گیا کہ وہ صحیح ہے تو مناسب یہ ہے کہ مفقود الخبر کے خلاف یا اس کے حق میں فیصلہ کر دے۔ اور اسی طرح مفتی، مجتہد بن کر دفع حرج، صیانۃ حقوق، اور ایفاء ضرورت کے لئے جواز کا فتویٰ دے ۔ یہی قول ائمہ ثلاثہ رحمہم اللہ کا ہے اور ہمارے ائمہ کے اس بارے میں دو قول ہیں، مناسب یہ ہے کہ مفقود الخبر کے حقوق کے تحفظ کے لئے ایک وکیل مقرر کیا جائے۔ اور ایسا ہی فتح القدیر میں مفقود الخبر کے بارے میں ہے کہ قضاء علی الغائب جائز نہیں۔ مگر جب کہ قاضی اس کے موافق یا مخالف فیصلہ کرنے میں کوئی مصلحت دیکھے، اور یہ فیصلہ نافذ ہو گا، کیونکہ وہ اس مسئلہ میں مجتہد ہے، میرے نزدیک اگر چہ قاضی حنفی ہو، اور ہمارے ہی زمانہ کا ہو۔ پھر بھی وہ مصلحت اور ضرورت کے پیش نظر مفقود الخبر کے معاملہ میں مذکورہ بالا نہج پر فیصلہ کر سکتا ہے اور مفتی فتویٰ دے سکتا ہے۔
(۲) اسی طرح استئجار علی الطاعات کا مسئلہ ہے جس کے بارے میں متقدمین کا فتویٰ عدم جواز کا تھا لیکن جب نظام بیت المال فاسد ہوا اور حالات ایسے پیدا ہو گئے کہ یا تو اس کی اجازت دی جائے یا پھر تعلیم قرآن کے ضیاع کا خطرہ مول لیا جائے۔ ظاہر ہے کہ یہ عظیم الشان نقصان تھا، جسے کسی طرح گوارا نہیں کیا جا سکتا تھا، علماء نے وقت کی اس ضرورت کو محسوس کیا اور دیکھا کہ بیت المال سے وظائف کا کوئی نظم نہیں اور لوگوں میں بطور خود اپنے عطیات کے ذریعہ اس کو چلانے کا کوئی جذبہ نہیں۔ ایسی صورت میں دوہی شکلیں تھیں یا تو معلمین کے بال بچے ضائع ہوں اور ان کی معاش تباہ ہو یا پھر قرآن کی تعلیم ختم ہو جائے۔ پہلی شکل ممکن نہ تھی اور نہ درست۔ اور دوسری صورت ناقابل برداشت۔ ایسے حالات میں مشائخ بلخ نے تعلیم قرآن پر اجرت لینا جائز قرار دیا۔ اور پھر بعد کو اذان و امامت جن کی حیثیت شعائر دین کی ہے جب ان کے فوت کا بھی خطرہ محسوس کیا گیا تو علماء نے اذان و امامت پر بھی اجرت کو جائز قرار دیا۔
اعلم ان عامۃ کتب المذہب من متون و شروح و فتاویٰ کلھا متفقۃ علی ان الاستئجار علی الطاعات لا یصح عندنا واستثنیٰ المتاخرون من مشائخ بلخ تعلیم القرآن فجوزوا الاستئجار علیہ و عللوا ذلک فی شروح الھدایۃ و غیرھما بما مرّ وھی خوف ضیاع القرآن لانہ حیث انقطعت العطایا من بیت المال و عدم الحرص علی الدفع بطریق الحسبۃ لیشتغل المعلمون بمعاشھم ولا یعلمون احدا ویضیع القرآن فافتی المتاخرون بالجواز لذلک واستثنیٰ بعضھم ایضا الاستئجار علی الاذان و الامامۃ للعلۃ المذکورۃ لانھما من شعائر الدین ففی تفویتھما ھدم الدین فہذہ الثلثۃ مستثناۃ للضرورۃ فان الضرورۃ تبیح المحظورات۔ (فتاویٰ حامدیہ ج ۲ ص ۱۲۷)
حنفیہ کے متون، شروح اور فتاویٰ سب کے سب اس پر متفق ہیں کہ استئجار علی الطاعات (بندگی اور طاعت پر اجرت لینا) درست نہیں۔ متاخرین مشائخ بلخ نے تعلیم قرآن کو مستثنیٰ کہا ہے۔ چنانچہ انہوں نے تعلیم قرآن پر اجرت کو جائز قرار دیا۔ اس لئے کہ جب بیت المال کے وظیفے بند ہو گئے اور مسلمانوں میں معلمین قرآن کی امداد کا جذبہ بھی سرد پڑگیا اور یہ خطرہ پیدا ہوا کہ معلمین اپنے اپنے معاش میں مشغول ہو کر کسی کوتعلیم نہ دے سکیں گے، اور اس طرح قرآن کے ضیاع کا اندیشہ پیدا ہو جائے گا تو متاخرین نے جواز کا فتویٰ دیدیا۔ اسی طرح اجرت لے کر اذان دینے اور امامت کرنے کو بھی مذکورہ اسباب ہی کے تحت مستثنیٰ قرار دیا گیا، اس لئے کہ یہ دونوں شعائر دین میں سے ہیں، اور ان کے ضائع ہونے سے دین ہی کے برباد ہو جانے کا خطرہ ہے ،فقہ کا اصول ہے کہ ضرورتیں ممنوعات کو بھی جائز کر دیا کرتی ہیں اسی اصول کے تحت تعلیم قرآن، اذان اور امامت کو مستثنیٰ کیا گیا۔
پس وقت کے علماء کے سامنے جب یہ سوال پیدا ہوا تو انہوں نے شریعت کی ایک ضروری مصلحت کو ضائع ہوتے ہوئے دیکھ کر اھون البلیتین کو اختیار فرمایا اور الضرورات تبیح المحظورات کی روشنی میں اپنے قدیم فتووں میں ترمیم کی اور اس یقین کے ساتھ کی کہ اگر امام ابو حنیفہؒ بھی ان حالات سے دوچار ہوتے تو یہی رائے دیتے:
وانما افتی المتاخرون بجواز ذلک علی التعلیم بالضرورۃ المذکورۃ التی لو وقعت فی زمن ابی حنیفۃ و اصحابہ لافتوا بذلک فلذلک افتی المتاخرون بجواز ذلک مخالفا لمذھب الصریح و لوزالت الضرورۃ بان انتظم امر بیت المال و اعطی المعلمون ما کان لہ فیہ کفایۃ لم یسع احد المتاخرین ان یخالفوا المذھب لزوال العلۃ التی سوغت لھم الخروج عن اصل المذھب۔ (فتاویٰ حامدیہ ج ۲ ص ۵۷)
متاخرین نے استئجار علی التعلیم کے جواز کا فتویٰ ضرورت کی بناء پر دیا تھا، کہ اگر یہ صورت حال امام ابوحنیفہؒ اور ان کے اصحاب کے زمانہ میں پیش آئی ہوتی، تو وہ بھی یہی فتویٰ دیتے اسی بناء پر متاخرین نے صریح مسلک کے خلاف جواز کا فتویٰ دیا۔ اور اگر بیت المال کا نظم استوار ہو جائے اور معلمین وغیرہ کو بقدرِ کفاف وظیفہ ملا کرے تو ضرورت ختم ہو جائے گی، اور کسی کے لئے اپنے مسلک و مذہب سے ہٹ کر فتویٰ دینے کی گنجائش باقی نہ رہے گی، کیونکہ وہ سبب ہی باقی نہ رہا جس کی بنیاد پر اپنے مسلک کے خلاف فتویٰ دینے کی اجازت ہوئی تھی۔
کتب فقہ کے تتبع سے اس طرح کی بہت سی مثالیں مل سکتی ہیں کہ علماء نے عرف کے بدل جانے کی بنیاد پر احکام میں تبدیلی کا فتویٰ دیا ہے اور عرف کو اصول تقنین میں خاص اہمیت دی گئی ہے، اور عرف کے مختلف مدارج اور اس کے مفصل احکام کتب فقہ میں مذکور ہیں، امام سرخسیؒ نے مبسوط میں لکھا ہے:
الثابت بالعرف کالثابت بالنص
رسائل ابن عابدین میں ہے:
الثابت بالعرف ثابت بدلیل شرعی
جو بات عرف سے ثابت ہے وہ گویا شرعی دلیل سے ثابت ہے۔
قنیہ میں ہے:
لیس للمفتی ولا للقاضی ان یحکم علی ظاہر المذہب و یترک العرف۔
مفتی اور قاضی کے لئے ظاہر مذہب کے مطابق فیصلہ کرنا اور عرف کو نظر انداز کر دینا درست نہیں ہے۔
(۳) اسی طرح بیسویں صدی کے اوائل میں جب ہندوستان میں شرعی امارت کا سوال اٹھا تو بہار و اڑیسہ میں امارت شرعیہ کے ساتھ ساتھ دارالقضاء کا قیام بھی عمل میں آیا، اور ہمارے قضاۃ کے سامنے پرسنل لا سے متعلق مختلف قسم کے مقدمات پیش ہوئے، اور انہیں بہت سارے مسائل میں زمانہ کے تغیر، حالات کی تبدیلی، رفع حرج او رسد باب فتن کی خاطر کچھ نئی راہیں اختیار کرنی پڑیں۔ مثلاً اس قسم کے بے شمار مقدمات سامنے آئے جہاں شوہر کسی بھی وجہ سے بیوی کو چھوڑ دیتا ہے، نان و نفقہ، حقوق زوجیت سے محروم رکھتا ہے، اور اس طرح جوان عورت برسہا برس تک تکلیف مالایطاق جھیلتی رہتی ہے۔ اس کے میکہ کی طرف سے بھی اس کے نفقہ کا کوئی نظم نہیں۔ ایسی صورت میں اللہ تعالیٰ کے ارشادات:
فتذروھا کالمعلقۃ۔ اور تم انہیں معلق چھوڑ دو (نساء: ۱۶)
یا
فلھن مثل الذی علیھن بالمعروف۔ (بقرہ: ۲۸)
اور عورتوں کا بھی حق ہے جیسا کہ مردوں کا ان پر حق ہے، دستور کے موافق۔
الرجال قوامون علی النساء۔ (النساء: ۶)
مرد حاکم ہیں عورتوں پر۔
کی وجہ سے جو ذمہ داریاں مرد پر عائد ہوتی ہیں وہ ان سے قطعاً غافل ہے۔ اور زمانہ فتنہ کا ہے جب کہ گمراہیوں کی کشش زیادہ ہے۔ اور عفت و آبرو کا باقی رکھنا مشکل کام ہے۔ نکاح کی مشروعیت کے جو مقاصد ہیں وہ پوری طرح فوت ہو جاتے ہیں، دوسری طرف اگر قضاۃ یہ فیصلہ کریں کہ عورت شوہر کے نام پر قرض لے اور اس طرح پر نفقہ پورا کرے تو ظاہر ہے کہ آج کے حالات میں اس کی کیا گنجائش ہے؟ جب کہ حنفی فقہاء کا یہی فیصلہ ہے کہ نان و نفقہ میں تنگی تفریق کا سبب نہیں۔
ومن اعسر بنفقۃ امرأتہ لم یفرق بینھما و یقال لھا استدینی علیہ (ہدایہ باب النفقۃ ص ۴۱۹)۔
جو شخص اپنی بیوی کا نفقہ ادا کرنے سے قاصر ہو جائے تو ان دونوں میں تفریق نہیں کی جائیگی بلکہ عورت سے کہا جائے گا کہ وہ قرض حاصل کرے جس کی ادائیگی اس کے شوہر کے ذمہ ہو گی۔
صاحب ہدایہ نے اس پر استدلال کیا ہے کہ تفریق کی صورت میں مرد کا حق بالکلیہ باطل ہو جاتا ہے اور تفریق نہ کر کے اگر عورت کو قرض لینے کا حکم دیا جائے تو عورت کا حق مؤخر ہو جاتا ہے اور حق کو ختم کر دینے کا نقصان حق کے مؤخر کر دینے سے بڑھا ہوا ہے۔ اس لئے قوی ضرر دور کیا جائے گا، اور اگر کوئی یہ کہے کہ شوہر اگر حقوقِ جنسی کے ادا کرنے کے لائق نہ ہو تو نکاح فسخ کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح اگر مالی حق کی اداکاری کے لائق نہ ہو تو نکاح فسخ ہونا چاہئے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے صاحب ہدایہ کہتے ہیں کہ جنسی حقوق کو نکاح میں مقصدیت کا درجہ حاصل ہے، اور مالی حق تابع کا درجہ رکھتا ہے اس لئے یہ صحیح نہ ہو گا کہ ثانوی درجہ کی چیز کی بربادی کو اصل اور مقصود کی بربادی پر قیاس کیا جائے۔
ولنا ان حقہ یبطل و حقھا یتاخر والاول اقویٰ فی الضرر وھذا لان النفقۃ تصیردینا بفرض القاضی فتستوفیٰ فی الزمان الثانی و فوت المال وھو تابع فی النکاح لا یلحق بما ھو المقصود وھو التناسل۔ (ہدایہ باب النفقۃ ۴۱۹)
اور ہماری دلیل یہ ہے کہ شوہر کا حق باطل ہو جاتا ہے، اور بیوی کا مؤخر، اور پہلی شق ضرر کے لحاظ سے زیادہ قوی ہے، اس لئے کہ نفقہ قاضی کے فیصلہ کے بعد شوہر پر قرض ہو جائے گا جو دوسرے وقت ادا ہو گا۔ اور نفقہ (مال) کی حیثیت نکاح میں تابع کی ہے، اصل مقصود تناسل ہے، لہٰذا تابع کو مقصود کا درجہ نہیں دیا جائے گا۔
لیکن آج کے حالات میں ظاہر ہے کہ اس جزئیہ پر عمل کرنا ممکن نہیں ہے جبکہ مقاصد نکاح میں سے ایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ اس سے طرفین کی نگاہوں میں عصمت پیدا ہوتی ہے، اور آبرو محفوظ رہتی ہے، اس فتنہ کے دور میں ایک ایسی عورت جو معلقہ پڑی ہوتی ہے اس کی معاشی ضرورتیں اسے آسانی کے ساتھ گمراہی کے گڑھوں میں دھکیل سکتی ہیں، پس مقاصد نکاح کو فوت ہوتے ہوئے اور احکام قرآن کی صریح خلاف ورزی دیکھتے ہوئے مصالح شرعی کے تحفظ، سد باب فتن کی خاطر نفقہ نہ دینے کی شکل میں ہمارے قضاۃ کو تفریق کا فیصلہ کرنا پڑا۔

نئے عہد میں مسائل کے حل کی راہ

بہر حال آج بھی بہت سارے نئے مسائل اور نئے حالات ایسے پیدا ہو گئے ہیں جن کا تقاضہ یہ ہے کہ علماء فقہ کی روشنی میں اس کا جواب دیں، اس سلسلہ میں اگر تجزیہ کیا جائے تو مسائل دو قسم کے سامنے آتے ہیں۔
(۱) کچھ تو وہ مسائل ہیں جن سے قدیم فقہاء کو دوچار ہونا نہیں پڑا، اور کتاب و سنت، اجماع و قیاس مجتہدین اس مسئلہ میں ساکت ہیں۔
(۲) دوسری قسم ان مسائل کی ہے جن کے احکام فقہ کی کتابوں میں مذکور ہیں۔ لیکن آج کے بدلے ہوئے حالات کے تقاضے کچھ اور ہیں۔ اول الذکر مسائل کو شریعت کے اصول کی روشنی میں حل کرنا ہو گا۔ اور ثانی الذکر مسائل میں مصالح و حکم شرعی کی رعایت کرتے ہوئے اور نصوص کی روح کو محفوظ رکھتے ہوئے نئے حالات کے مطابق حکم کا استخراج کرنا پڑے گا۔
یہ دوسری قسم کے مسائل جن پر اپنے اصول اجتہاد کے پیش نظر مجتہدین نے اپنی رائے ظاہر کر دی ہے لیکن آج کے بدلے ہوئے حالات کا تقاضا کچھ اور ہے اور موجودہ دور میں ان جوابات پر عمل دشوار نظر آتا ہے۔ ایسے مسائل کے حل کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ کسی خاص فقہی مکتب فکر کی پابندی سے قطع نظر کر کے دوسرے مسلمہ فقہی مکاتب فکر میں اس کا جواب تلاش کیا جائے۔ اگر کسی اور فقہی مسلک میں اس کا جواب مل جاتا ہے تو اسے قبول کر لیا جائے جیسا کہ ’’زوجۂ مفقود الخبر‘‘ کے معاملہ میں علماء احناف نے حنفی مسلک چھوڑ کر مذہب مالکی اختیار کیا اور اسی پر فتویٰ دیا۔ اور آج اس عورت کے لئے جس کا شوہر مفقود ہے انتظار کی مدت یوم اطلاع سے چار سال ہے، زیادہ نہیں۔
یا جس طرح ’’ممتدۃ الطہر‘‘ کے معاملہ میں علمائے احناف نے امام مالکؒ کے مذہب پر فتویٰ دیا۔ علامہ شامیؒ نے لکھا ہے۔
قلت ونظیر ہذہ المسئلۃ عدۃ ممتدۃ الطھر التی بلغت برویتہ الدم ثلاثۃ ایام ثم امتد طھرھا فانھا تبقی فی العدۃ الی ان تحیض ثلاث حیض۔ و عند مالک تنقضی عدتہ بتسعۃ اشھر وقد قال فی البزازیۃ الفتویٰ فی زماننا علی قول مالک۔ وقال الزاھدی کان بعض اصحابنا یفتون بہ للضرورۃ (رد المحتار ج۳، ص۳۴۱، کتاب المفقود)
اور اس کی نظیر ممتدۃ الطہر کی عدت ہے جو تین دنوں تک (حیض کا) خون دیکھ کر بالغ ہوئی تھی، پھر وہ ممتدۃ الطہر ہو گئی تو وہ اس وقت تک عدت میں رہے گی جب تک تین حیض نہ آ جائیں۔ اور امام مالکؒ رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک اس کی عدت نو مہینوں میں تمام ہو گی۔
اور بزازیہ میں لکھا ہے کہ فتویٰ ہمارے زمانہ میں امام مالکؒ کے قول پر ہے۔
زاہدی نے کہا ہے کہ ہمارے بعض علماء ضرورت کی بناء پر امام مالکؒ ہی کے قول پر فتویٰ دیتے تھے۔
مسئلہ فقہی مکاتب فکر یعنی ائمہ اربعہ میں سے کسی ایک کے مسلک کو کسی مسئلہ میں اختیار کر لینا تو درست ہے ہی، ضرورت کی بنیاد پر کسی مرجوح قول کو بھی قبول کیا جا سکتا ہے، اگر مفتی کے سامنے کوئی مسئلہ آیا، اور اس کا جواب بھی ائمہ اربعہ میں کسی کے مذہب میں موجود ہے۔ لیکن وہ جواب مسلم معاشرہ میں وقت کی پیدا کردہ واقعی ضرورت کو پورا نہیں کرتا، یا زمانہ اور حالات کے تحت اس مسئلہ میں سہولت اور تسہیل کی ضرورت ہے، جو ائمہ اربعہ کے مذاہب کے ذریعہ نہیں ہوتی تو مفتی فقہائے اسلام میں سے کسی کے مرجوح قول کو بھی اختیار کر سکتا ہے اور اس پر فتویٰ دے سکتا ہے۔
علامہ شامی نے لکھا ہے:
فقد ذکر فی حیض البحر فی بحث الوان الدماء اقوالاً ضعیفۃ ثم قال وفی المعراج عن فخر الائمۃ لو افتیٰ مفتٍ بشیء من ھٰذہ الاقوال فی مواضع الضرورۃ للتیسیر کان حسناً (رد المحتار ص : ۶۹ ج۱)۔
صاحب بحر نے حیض کے باب میں حیض کے خون کے رنگوں کے سلسلے میں کچھ ضعیف اقوال نقل کئے ہیں، پھر انہوں نے معراج کے حوالہ سے فخر الأئمہ کا قول نقل کیا ہے کہ اگر کسی مفتی نے آسانی کے لئے ضرورت کے موقعوں پر ان ہی ضعیف اقوال میں سے کسی پر فتویٰ دیدیا تو یہ بہتر ہو گا۔
کتب فقہ میں ایک بحث یہ ہے کہ اگر مقروض سے ادائے قرض کی کوئی امید اور راہ نہ ہو تو قرض خواہ کے لئے مقروض کے مال میں سرقہ کر کے اپنے قرض کو وصول کر لینا درست ہے یا نہیں؟
حنفیہ کا مسلک یہ ہے کہ سرقہ کر سکتا ہے اور اس سے دیانۃً اپنے قرض کو وصول کر سکتا ہے، لیکن قرض اور مال سرقہ ایک ہی جنس کا ہونا چاہئے۔
امام شافعیؒ فرماتے ہیں کہ ’’اگر دو جنس کا ہو جب بھی اس حالت میں اپنے قرض کی وصولی کے لئے سرقہ درست ہے۔
اسی مسئلہ پر ’’صاحب در مختار‘‘ نے بحث کرتے ہوئے لکھا ہے۔
واطلق الشافعیؒ اخذ خلاف الجنس للمجانسۃ فی المالیۃ قال فی المجتبیٰ وھو اوسع فیعمل بہ عند الضرورۃ۔ (کتاب السرقۃ) مطلب یعذر بالعمل بمذہب الغیر عند الضرورۃ علی ھامش (ردالمحتار ص ۲۰۷ج۳)
اور امام شافعیؒ نے مالیت میں اشتراک کی بناء پر ایسے مال کا لینا بھی جائز قرار دیا ہے جو قرض کے جنس سے نہ ہو، المجتبیٰ میں اس کو ’’اوسع‘‘ کہا گیا ہے، لہٰذا اس پر ضرورت کے وقت عمل کیا جائے گا۔
در مختار کی اس عبارت پر علامہ شامیؒ (م۱۲۵۲ھ) نے لکھا ہے جس سے ایک طرف تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ ضرورت کے وقت اور وسعت و تسہیل کی خاطر دوسرے فقہی مسلک پر عمل کرنا اور فتویٰ دینا بالکل درست ہے۔ ساتھ ہی ساتھ علامہ شامیؒ کی عبارت سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مسائل و احکام میں زمانہ کے بدلے ہوئے حالات کی ممکن رعایت نہ صرف مستحسن بلکہ ضروری سمجھتے ہیں۔
علامہ شامیؒ فرماتے ہیں:
قال القہستانی و فیہ ایماء الی ان لہ ان یأخذ من خلاف جنسہٖ عند المجانسۃ فی المالیۃ وہٰذا اوسع فیجوز الاخذ بہ وان لم یکن مذھبا فان الانسان یعذر فی العمل بہ عند الضرورۃ کما فی الزاھدی (قال الشامی) رأیت فی شرح النظم ان عدم جواز الاخذ من خلاف الجنس کان فی زمانھم لمطاوعتھم فی الحقوق والفتویٰ الیوم علی جواز الاخذ عند الضرورۃ من ای مال کان لاسیما فی دیارنا لمداومتھم للعقوق۔ شعر:
عفاء علی ھذا الزمان فانہ
وکل رفیق فیہ غیر مرافق
زمان عقوق لازمان حقوق
وکل صدیق فیہ غیر صدوق (رد المحتار ص ۲۰۷، ج:۳، کتاب السرقۃ)
قہستانی نے فرمایا کہ اس میں اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اس کے لئے مجانسۃ مالیہ کے موقع پر خلاف جنس کو لینا جائز ہے اور یہی ’’اوسع‘‘ ہے پس اسے اختیار کرنا اگرچہ ہمارا مسلک نہ ہو، جائز ہے، اس لئے کہ انسانی ضرورت کے وقت اس کے مطابق عمل کرنے پر مجبور ہے جیسا کہ زاہدی میں ہے (شامی فرماتے ہیں) میں نے شرح النظم میں دیکھا ہے کہ خلاف جنس لینے کا عدم جواز ان لوگوں کے زمانہ میں اس بناء پر تھا کہ وہ لوگ ادائیگی حقوق میں پیش پیش تھے لیکن آج کل ضرورۃً جواز پر ہے خصوصاً ہمارے دیار میں چونکہ لوگ حق تلفی کے عادی ہیں۔
شعر کا ترجمہ: اس زمانہ میں معاف ہے اس لئے کہ یہ حق تلفی کا زمانہ ہے نہ کہ ادائے حقوق کا۔ آج کل نہ کوئی رفیق ہمدرد ہے اور نہ کوئی دوست مخلص۔
بہر نوع مسائل و احکام کی دو قسمیں جو اوپر بیان کی گئیں۔ایک تو وہ جن سے قدیم فقہاء کو دوچار ہونا نہیں پڑا۔ دوسرے وہ مسائل جن کے احکام کتب فقہ میں تو موجود ہیں لیکن بدلے ہوئے حالات میں ان پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
پہلی قسم کے مسائل کو اسلام کے اصل قرآن و حدیث کی روشنی میں حل کرنا ہو گا۔ اور دوسری قسم کے مسائل میں نصوص شرعیہ کی روح کو محفوظ رکھتے ہوئے بدلے ہوئے حالات کے پیش نظر شرعی حکم معلوم کرنا پڑے گا۔

اجتہاد

ظاہر ہے کہ دونوں قسم کے یہ کام ہیں، اور اجتہاد کے لئے جو شرائط کتب فقہ میں مذکور ہیں ان کا کسی ایک شخص میں پایا جانا آج کے دور میں مشکل ہے۔ شامی نے اجتہاد مطلق کے شرائط بیان کرتے ہوئے لکھا ہے:
وشرطہٗ الاسلام والعقل و البلوغ و کونہ فقیہ النفس ای شدید الفھم بالطبع و علمہ باللغۃ العربیۃ و کونہ حاویاً لکتاب اللہ تعالیٰ فی ما یتعلق بالاحکام و عالما بالحدیث متنا و سنداً و ناسخا و منسوخاً و بالقیاس۔ (شامی ص ۳۱۸، ج۴، باب کتاب القضائ)
اور اس کی شرط اسلام، عقل، بلوغ، فقیہ النفس یعنی فطری و طبعی طور پر خوب سمجھ دار ہونا، عربی زبان پر عبور، کتاب اللہ کے اس حصہ پر حاوی ہونا جو احکام سے متعلق ہو، حدیث کے متن، سند اور ناسخ و منسوخ سے واقف ہونا اور قیاس سے آگاہ ہونا ہے۔ ان شرائط کی مزید تفصیلات دوسری کتابوں میں درج ہیں۔

موجودہ دور میں اجتہاد کی عملی شکل

آج جب کہ استخراج احکام کی ضرورت ہے اور دوسری طرف بہت سے لوگ جدید مسائل پر ایسی رائیں دے رہے ہیں جو کتاب و سنت سے متعارض ہیں اور اپنی پشت پر اصول شرع سے کوئی استناد نہیں رکھتیں جن سے سخت گمراہی اور فتنہ کا خطرہ ہے، ایسے حالات میں کسی خاص فرد کو تو یہ فرض سونپ دینا درست نہیں۔ لیکن علماء اور اصحاب نظر کی ایک جماعت جو دین کے متعلق ضروری علوم میں پوری مہارت رکھتی ہو اور اس کی نگاہ زمانۂ حال اور اس کی ضروریات ملک کے تمدنی و ثقافتی معاملات پر گہری ہو، نیز تاریخ اسلام، فقہ اسلامی کے مختلف ادوار اور ان تاریخی عوامل پر نگاہ ہو جو مختلف مراحل میں قانون پر اثر انداز ہوئے ہوں، ایسے لوگ جمع ہوں اور کتاب و سنت، آثار صحابہ اجماع متقدمین اور اجتہاد فقہاء کو سامنے رکھ کر اپنی پوری صلاحیتیں اخلاص اور نیک نیتی کے ساتھ صرف کریں تو امید ہے کہ ان مسائل کا حل نکل سکے گا۔ اور ہم اس ذمہ داری سے عہدہ بر آ ہو سکیں گے جو شریعت خداوندی کی طرف سے موجودہ حالات میں ہم پر عائد ہوتی ہے۔

اجتماعی طریقہ اجتہاد کوئی نئی چیز نہیں!

یہ اجتماعی طریقۂ اجتہاد و استخراج مسائل کوئی نئی چیز نہیں جسے صرف آج کہا جا رہا ہو۔
(۱) سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں جب کہ اسلامی حکومت کا دائرہ عرب سے باہر نکل کر دور، دور تک پھیل چکا تھا اور اسلام کا علم ایسے ملکوں اور ایسے علاقوں میں نصب کیا جا چکا تھا جہاں کی زبان، تہذیب اور اس ملک کے جغرافیائی حالات عرب سے بالکل مختلف تھے، اور اسی بنیاد پر نئے مسائل اکثر و بیشتر سامنے آتے رہتے تھے۔ عربوں کا تمدن بھی حکومت کے قیام، دولت کی فراوانی اور دوسرے ملکوں سے اختلاط کے باعث دن بدن اونچا ہوتا جا رہا تھا۔ ان حالات میں صحابۂ کرام کی دو مجلسیں بنیں۔
ایک مجلس تو سیدنا عمر بن الخطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مرتب فرمائی جس میں خود خلیفۂ دوم اور حضرت زید ابن ثابت اور حضرت عبد اللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہم اجمعین شریک تھے۔
دوسری مجلس سید نا علی ابن ابی طالب کرم اللہ وجہ نے حضرت ابی ابن کعب اور حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہم اجمعین کو ساتھ لے کر بنائی۔
آثار امام محمدؒ میں ہے:
کان ستۃ من اصحاب النبی ﷺ یتذاکرون الفقہ بینھم علیؓ، ابیؓ ابو موسیٰ علیحدۃ عمرؓ زیدؓ ابن مسعود علیٰحدۃ (تذکرہ اعظم ص ۱۱۱ بحوالہ آثار امام محمدؒ)
جناب رسول اللہ ﷺ کے اصحاب میں سے چھ ایسے تھے جو آپس میں فقہ کا مذاکرہ کرتے تھے حضرت علیؓ حضرت ابی بن کعبؓ اور حضرت ابو موسیٰ اشعریؓ ایک ساتھ اور حضرت عمرؓ حضرت زیدؓ اور حضرت عبد اللہ بن مسعودؓ ایک ساتھ۔
یہ دونوں مجلسیں وہی کام انجام دیتی تھیں جن کی آج ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ صحابہ کرامؓ کی جماعت میں ایسے اصحاب موجود تھے جو مسائل بتلاتے اور دینی امور پر فتاویٰ دیا کرتے۔ لیکن جب ایسے مسائل سامنے آنے لگے جن سے بظاہر قرآن مجید اور احادیث رسول اللہ ﷺ ساکت نظر آتیں تو پھر ان مسائل پر صحابہ کرامؓ کی یہ جماعت غور کرتی اور فکر و بحث کے بعد کسی فیصلہ کا اعلان ہوتا۔
(۲) صحابہ کرامؓ کے بعد تابعینؒ کے زمانہ میں بھی مدینہ طیبہ کے ساتھ فقہاء کی ایک مجلس کا ذکر تہذیب التہذیب میں ملتا ہے اس مجلس کے سامنے وقت کے پیش آمدہ مسائل پیش ہوتے اصحاب مجلس باہم بحث و مذاکرہ کے بعد کسی فیصلہ کا اعلان کرتے۔ مدینہ کے قاضی کے سامنے بھی جب کوئی نئے قسم کا مقدمہ آتا تو اس کی روداد ان سات فقہاء کی مجلس کے سامنے پیش کی جاتی اور قاضی اس مقدمہ میں اس مجلس کی رائے لئے بغیر کوئی فیصلہ صادر نہیں کرسکتا تھا۔
قال علی بن الحسن العسقلانی عن ابن المبارک قال کان فقہاء اھل المدینۃ سبعۃ و کانوا اذا جاء تھم المسئلۃ دخلوا فیھا جمیعاً فنظروا فیھا ولا یقضی القاضی حتی یرفع الیھم فینظرون فیھا فیصدرون۔
(تہذیب التہذیب ص ۴۳۷ ج ۳ فی تذکرۃ سالم بن عبد اللہ المتوفیٰ ۱۰۶ھـ)
سات فقہاء اہل مدینہ تھے جب کوئی نیا مسئلہ پیش آتا وہ سب یک جا غور و فکر کرتے قاضی بھی اس وقت تک فیصلہ نہیں کرتا تھا جب تک کہ مسئلہ کو ان کے سامنے پیش نہ کر دے اور وہ غور و فکر کر کے کوئی فیصلہ نہ کر دیں۔
(۳) غرض خیر القرون میں بھی جدید مسائل اور پیش آمدہ معاملات کے لئے ایسی مجلسیں موجود تھیں جو تنقیح مسائل اور استخراج احکام کا کام انجام دیا کرتی تھیں۔ مجتہد اعظم حضرت امام ابوحنیفہؒ نے بھی تدوین فقہ اسلامی کا اتنا بڑا اور عظیم الشان کام تنہا نہیں انجام دیا الجواہر المضیئہ اور جامع المسانید وغیرہ کتابوں سے معلوم ہوتا ہے کہ امام اعظمؒ نے بھی فقہ اسلامی کا بہت بڑا حصہ اپنے با کمال تلامذہ کی مجلس کے غور و فکر اور بحث و مذاکرہ کے بعد مرتب فرمایا۔
امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ فقہی مسائل کو اپنے تلامذہ کی مجلس میں پیش فرمایا کرتے اور پھر ان پر لمبی لمبی بحثیں ہوتیں، اب اگر یہ مجلس کسی متفقہ مسئلہ پر پہونچتی تو وہ قلم بند ہوتا یا اس کا اعلان کیا جاتا ورنہ مجلس کے ہر رکن کی رائے علیٰحدہ علیٰحدہ محفوظ کر لی جاتی۔ (الجواہر المضیئہ ص ۱۴۰ ج۱، و جامع المسانید ص ۳۳ ج۱)۔
امام اعظمؒ کی اس تدوین فقہ والی مجلس میں جو حضرات شریک ہوتے ان میں سے ہر ایک اپنے اپنے فن کا امام تھا۔
مولانا عبد الحئی فرنگی محلیؒ (م ۱۳۰۴ھ) نے عمدۃ الرعایہ میں لکھا ہے کہ، یہ مجلس مشاہیر علمائے مجتہدین اور فضلائے متقدمین پر مشتمل تھی۔ اور پھر اس مجلس کے ارکان کے نام لے کر بتلایا ہے کہ کون کس فن میں امتیاز رکھتا تھا۔
اسی لئے مشہور محدث وکیع بن الجراح کہا کرتے تھے کہ امام اعظم ابوحنیفہؒ کے کاموں میں غلطیاں کس طرح رہ سکتی تھیں جب کہ ان کے ساتھ تدوین فقہ اسلامی کے کام میں امام ابو یوسفؒ جیسے قیاس و اجتہاد کے ماہر یحیٰ بن زکریا بن زائدہؒ اور حفص بن غیاثؒ جیسے فن حدیث کے ماہر اور قاسم بن معنؒ جیسے عربی زبان اور لغت کے ماہر شریک کار تھے۔ (جامع المسانید ص ۳۳ ج۱)۔
بہر حال تنقیح مسائل اور استخراج احکام کے لئے اجتماعی سعی اور مجالس کے قیام کی نظیریں قرون اولیٰ میں موجود ہیں جو آج بھی ہماری بہترین رہنمائی کرتی ہیں کہ موجودہ حالات میں اس اہم ترین کام کی ذمہ داری کسی فرد واحد کو نہ سونپ کر ماہرین فن کی ایک مجلس مرتب کریں جو پیش آمدہ مسائل پر غور و فکر اور شرعی فیصلہ پر پہونچنے کی ذمہ دار ہو۔
واضح رہے کہ تبدیلی جس تیزی کے ساتھ جاری ہے اور مسئلہ جتنا اہم ہے اگر اس قسم کی صلاحیت کے لوگ اپنے سارے ضروری مشاغل چھوڑ کر اور پوری طرح یکسو ہو کر اس کام میں مشغول نہ ہو گئے تو عظیم نقصان کا خطرہ ہے۔

خلاصۂ بحث

(۱) مذکورہ تفصیلی بحث کا خلاصہ یہ ہے کہ اسلامی نقطۂ نظر سے تشریح اور قانون سازی کا مآخذ صرف کتاب و سنت ہے اجماع اور قیاس بھی وہی معتبر ہے جس کی بنیادیں کتاب و سنت میں موجود ہوں، کسی انسان یا کسی حکومت کو اس کا اختیار حاصل نہیں ہے کہ کسی چیز کو حلال ٹھہرائے یا حرام قرار دے۔ قرآن کا ارشاد ہے:
ولا تقولوا لما تصف السنتکم الکذب ھٰذا حلال و ھٰذا حرام لتفتروا علی اللہ الکذب۔ (سورہ نحل ع ۱۵)
اور جن چیزوں کے بارے میں محض تمہارا جھوٹا زبانی دعویٰ ہے ان کی نسبت یوں مت کہہ دیا کرو کہ فلانی چیز حلال ہے اور فلانی چیز حرام ہے جس کا حاصل یہ ہو گا کہ اللہ تعالیٰ پر جھوٹی تہمت لگا د و گے۔
رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے:
لا طاعۃ لمخلوق فی معصیۃ الخالق۔
کسی ایسے کام میں مخلوق کی اطاعت نہیں کی جائے گی جس سے خالق (اللہ) کی نافرمانی ہو
یا
انما الطاعۃ فی المعروف، اطاعت صرف نیکیوں میں ہے۔
اور
من امرکم بمعصیۃ اللہ تعالیٰ فلا سمع ولا طاعۃ۔
جو شخص تمہیں اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کا حکم دے تو اسے نہ سننا ہے اور نہ اس کی اطاعت کرنی ہے۔
اس لئے غیر مسلم حکمرانوں اور لادینی حکومتوں کو تو چھوڑئیے اگر حکمراں مسلمان بھی ہوں تو انہیں اپنی ذاتی رائے سے کتاب و سنت کو نظر انداز کر کے قانون سازی کا اختیار نہیں۔
یہی وجہ ہے کہ خلفاء راشدین پر جب یہ ظاہر ہو جاتا کہ ان کا فیصلہ رسول اللہ ﷺ کے فیصلوں کے خلاف جارہا ہے تو وہ فوراً اپنی رائے سے رجوع فرماتے اور اپنا حکم منسوخ کرتے تھے۔
سیدنا عمر بن الخطابؓ کے متعدد واقعات اس کی نظیر میں پیش کئے جا سکتے ہیں مثلا شوہر کی دیت میں عورت وارث ہو گی یا نہیں؟ اس موقع پر سیدنا عمرؓ نے عدم توریث کا فیصلہ فرمایا لیکن جب حضرت ضحاک بن سفیانؓ نے بتایا کہ اشیم ضبابیؓ کے واقعہ میں آنحضورﷺ نے عورت کو حصہ دلایا تھا تو حضرت عمرؓ نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔ (ابوداؤد فی المرأۃ ترث من دیۃ زوجہا)
اسی طرح مجنونہ کو زنا کی وجہ سے رجم کیا جائے گا یا نہیں؟ جب سیدنا علی کرم اللہ وجہہ نے آنحضور ﷺ کی یہ حدیث پیش فرمائی کہ آنحضرت ﷺ نے پاگل کو مرفوع القلم قرار دیا ہے تو سیدنا عمرؓ نے اپنا فیصلۂ رجم واپس لے لیا۔ (ابوداؤد کتاب الحدود)
معلوم ہوا کہ حکمراں اگرچہ مسلمان ہی کیوں نہ ہو اسے اصول شرع سے ہٹ کر کوئی حکم دینے کا اختیار نہیں ہے۔ اور جہاں تک غیر اسلامی حکومت کا سوال ہے وہ دینی امور میں نہ کسی فیصلہ کی مجاز ہے اور نہ اس کا کوئی فیصلہ شرعاً قابل اتباع۔
ایسی صورت میں ظاہر ہے کہ پرسنل لا جیسے خالص دینی معاملہ میں قانون سازی اور ترمیم و تنسیخ کا حق حکومت کو کس طرح دیا جا سکتا ہے۔ بالخصوص جب کہ ایسا یقین کرنے کی متعدد وجوہ ہیں کہ حکومت کا مقصد مسلم پرسنل لا میں ترمیم کے ذریعہ مسلمانوں کی معاشرتی اصلاح نہیں بلکہ اس کی پشت پر مختلف سیاسی مصالح ہیں۔
اس لئے میں یہ یقین رکھتا ہوں کہ ان امور میں نہ خود حکومت کا کوئی فیصلہ قابل قبول ہو گا اور نہ وہ فیصلے قابل قبول ہوں گے جو حکومت نے اپنی سرپرستی میں کرائے ہوں۔
(۲) اسی طرح یہ بات بھی واضح ہے کہ شریعت اسلامیہ کے کسی حکم کے بارے میں وہی رائے معتبر ہو گی جس کی بنیادیں کتاب و سنت میں موجود ہوں، اور ہر وہ رائے قابل رد ہو گی جو شریعت اسلامیہ کے بنیادی اصول اور قرآن و سنت کے قائم کردہ حدود کو توڑ کر قائم کی گئی ہو۔ اور جب بھی رائے کو وحی پر اور خواہش نفس کو عقل پر مقدم کیا جائے گا گمراہی کے دروازے کھلیں گے۔
(۳) اس سے انکار ممکن نہیں کہ جدید سائنسی ترقیات اور ثقافتی انقلاب نے بہت سارے نئے مسائل لا کھڑے کئے ہیں جن کا حل کرنا ضروری ہے۔ اسی طرح حالات، زمانے اور عرف کی تبدیلی کے بھی کچھ تقاضے ہیں جن کی روشنی میں کچھ احکام پر از سرِ نو غور کرنا ہو گا۔ ہر دو قسم کے مسائل میں شارع کے مقاصد، احکام کی روح، اصول و کلیات اور نظائر و امثال کو سامنے رکھنا ہو گا۔
اس کام کی اہمیت کا تقاضہ یہ ہے کہ علماء اور اصحاب نظر کی ایک جماعت جلد از جلد تشکیل کی جائے جو دین سے متعلق مختلف ضروری علوم میں مہارت رکھتی ہو۔ اسلامی تاریخ، فقہ اسلامی کے مختلف ادوار اور ان تاریخی عوامل پر نگاہ رکھتی ہو جو مختلف مراحل میں قانون اسلامی پر اثر انداز ہوئے ہیں۔ نیز ان کی نگاہ زمانۂ حال اور اس کی ضروریات، عرف عام اور ملک کے تمدنی و ثقافتی معاملات پر گہری ہو۔ ایسے لوگ کتاب و سنت، آثارِ صحابہ، اجماع متقدمین اور اجتہاد فقہاء کو سامنے رکھ کر پورے اخلاص اور نیک نیتی کے ساتھ اور غور و فکر کے بعد کوئی فیصلہ کریں۔
اس موقعہ پر امام محمد بن حسنؒ کے مندرجہ ذیل ارشاد سے روشنی حاصل کی جا سکتی ہے:
من کان عالماً بالکتاب والسنۃ و بقول اصحاب رسول اللہ ﷺ و بما استحسن فقھاء المسلمین و سعہ ان یجتھد برایہ فیما یبتلی بہ و یقضیٰ بہ یمضیہ فی صلاتہ و صیامہٖ و حجہ و جمیع ما امربہ ونھیٰ عنہ فاذا اجتھد و نظر وقاس علی ما اشبہ ولم یال وسعہ الامر بذلک۔ (اعلام الموقعین ص ۶۶ ج۱)
جو شخص کتاب اللہ، احادیث رسول اللہؐ اقوال صحابہؓ اور مستحسنات فقہائے مسلمین کا عالم ہو، اس کے لئے گنجائش ہے کہ پیش آمدہ مسائل میں وہ اپنی رائے سے اجتہاد کرے اور اسی کے فیصلے کرے اور اپنی نماز، روزہ، حج اور اوامر و نواہی سے متعلق مسائل میں بھی اسے اپنے اجتہاد پر عمل کرنے کا موقع ہے۔ اس لئے کہ جب کوئی شخص مذکورہ بالا علم کے ساتھ امثال و نظائر پر پوری بیدار مغزی کے ساتھ قیاس کرے گا تو اس کے لئے اجتہاد کی گنجائش ہونی چاہئے۔
(۴) میں اس امر کو واضح کر دینا ضروری سمجھتا ہوں کہ مسلم پرسنل لا کے نام سے جو قانون سرکاری عدالتوں میں آج جاری ہیں ان میں ترمیم کے امکانات بہت محدود نظر آتے ہیں ممکن ہے کہ جزئیات و تفصیلات میں کچھ ایسے مسائل نکلیں جن پر نئے حالات کی روشنی میں علماء کو کرنا پڑے۔
(۵) اخیر میں یہ بھی واضح کر دینا ضروری سمجھتا ہوں کہ مذکورۃ الصدر (۳) کے ذیل میں جس عظیم الشان کام کی طرف توجہ دلائی گئی ہے اس کے لئے فہم صحیح اور صلاح نیت سب سے ضروری چیز ہے۔ اگر فہم صحیح نہ ہو تو گمراہی کا خطرہ ہے۔ اور نیت درست نہ ہو تو خواہشات نفس کے غلبہ کا جس پر غضب الٰہی نازل ہوتا ہے۔ اور جو لوگ فہم صحیح اور حسن نیت کے ساتھ اس کام کو انجام دیں گے وہی صراط مستقیم پر ہوں گے۔
علامہ ابن قیمؒ نے لکھا ہے کہ اللہ کی نعمتوں میں اسلام کے بعد سب سے قیمتی نعمتیں یہی دو ہیں اور ان ہی پر اسلام کی بنیاد قائم ہے۔
’’بندہ اگر حسن نیت سے نوازا گیا تو مغضوب علیھم کے طریق سے الگ رہے گا، اور اگر اسے صحت فہم بخشی گئی ہے تو وہ ضالین کے طریق سے محفوظ رہے گا۔ جس دل میں اللہ نے صحت فہم کا نور ڈال دیا ہو وہ اس نور کی وجہ سے صحیح و فاسد، حق و باطل اور ہدایت و ضلال کے درمیان فرق کر سکے گا۔ اور حسن نیت کی برکت سے ہر حال میں خدا سے ڈرتا رہے گا اور مخلوق کی تعریف سے بے نیاز‘‘۔
ہم اپنے اس مقالہ کو حضرت علامہ ابن قیمؒ کی مندرجہ ذیل عبارت پر ختم کرتے ہیں اور حق تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ ہمیں وہ صراطِ مستقیم پر چلائے اور فہم صحیح و حسن نیت سے نوازے آمین!
صحۃ الفہم و حسن القصد من اعظم نعم اللہ التی انعم بھا علی عبدہ بل ما اعطی عبد عطاء بعد الاسلام افضل ولا اجل منھما بل ھما ساقا الاسلام، و قیامہ علیھما و بھما یامن العبد طریق المغضوب علیھم الذین فسد قصدھم و طریق الضالین الذین فسدت فھو منھم و یصیر من المنعم علیھم الذین حسنت افھامھم و قصورھم وھم اھل الصراط المستقیم الذین امرنا ان نسئل اللہ ان یھدینا صراطھم فی کل صلاۃ و صحۃ الفھم نور یقذفہ اللہ فی قلب العبد یمیز بہ بین الصحیح والفاسد والحق والباطل والھدیٰ والضلال والغی والرشاد و یمدہ حسن القصد و تحری الحق و تقوی الرب فی السر والعلانیۃ و یقطع مادتہ اتباع الھویٰ و ایثار الدنیا و طلب محمدۃ الخلق و ترک التقویٰ ۔ (اعلام الموقعین ص ۸۷ ج۱)
فہم صحیح اور حسن نیت اللہ تعالیٰ کی ان عظیم نعمتوں میں سے ہے جن سے اللہ نے اپنے بندے کو نوازا ہے، بلکہ اسلام و ایمان کے بعد کسی بندے کو اس سے افضل اور برتر کوئی چیز نہیں دی گئی ہے۔ اور یہ دونوں شجر اسلام کے تنے ہیں کہ ان پر قائم رہنا اور ان کی نگہداشت کرنا بندے کو ان لوگوں کے طریقوں سے محفوظ رکھتا ہے جو غضب الٰہی کا شکار ہوئے۔ اور جن میں فساد نیت پیدا ہو گیا تھا اور ان کے طریقوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے جو گمراہ ہوئے، اور جن کی عقلیں فاسد ہو گئی تھیں۔ اور وہ ان لوگوں میں سے ہو جائے گا جن پر اللہ تعالیٰ نے انعام فرمایا اور جن کی عقلیں اور جن کی نیتیں اچھی تھیں۔ اور وہی لوگ سیدھی راہ والے ہیں۔ ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے اس بات کی دعا ہر نماز میں کریں کہ وہ ان کی راہ پر چلائے، اور فہم صحیح در حقیقت ایک نور ہے جسے اللہ تعالیٰ بندہ کے قلب میں ڈال دیتا ہے اور پھر وہ اسی کے ذریعہ صحیح و غلط، حق و باطل اور ہدایات و گمراہی میں تمیز کرتا ہے اور حسن نیت، تلاش حق اور خوف خدا کھلے عام اور پوشیدہ طور پر اس کی مدد کرتے ہیں اور خواہشات نفس کی پیروی اور مخلوق کی تعریف کی طلب و تمنا اور ترک تقویٰ سے ان کی جڑ ہی کٹ جاتی ہے۔
واٰخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین۔
منت اللہ رحمانی
خانقاہ رحمانی، مونگیر
جولائی۱۹۶۹ء
٭٭٭
آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ کی اجازت اور تشکر کے ساتھ
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل۔ اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مسلم پرسنل لا