دین و مذہب

اسلامیات

مصنف: متفرق
آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (18,914 الفاظ)

الإنصاف فيما قيل في المَولِد من الغلو والإجحاف

( اردو)

مسئلہ میلاد اسلام کی نظر میں

تالیف

فضیلۃ الشیخ ابی بکر جابر الجزائری حفظہ اللہ

ترجمہ: سید محمد غیاث الدین مظاہری
نظرثانی: شفیق الرحمن ضیاء اللہ مدنی

ناشر: شعبہ مطبوعات و نشر وزارت کے زیر نگرانی طبع شُدہ ریاض، سعودی عرب
الناشر: وزارة الشؤون الإسلامیۃ والأوقاف والدعوة والإرشاد - المملکۃ العربیۃ السعودیۃ

www.islamhouse.com 

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم

پیش لفظ

الحمد للہ وحدہ و الصلوٰۃ والسلام علی رسول اللہ و علی آلہ و اصحابہ ومن والاہ أمابعد:
بارگاہ نبویؐ کے احترام و تعظیم کی وجہ سے میلاد نبوی کے موضوع پر لکھنے میں مجھے بہت تردّد رہا،لیکن جب اس سلسلہ میں مسلمان ایک دوسرے کو کا فر بنانے لگے اور باہم لعنت کرنے لگے تو میں یہ رسالہ لکھنے کے لئے مجبور ہو گیا کہ شاید یہ اس فتنہ کی روک تھام کرسکے جو ہر سال ابھارا جاتا ہے اور جس میں کچھ مسلمان ہلاک و برباد ہوتے ہیں،ولا حول ولا قوۃ إلا باللہ۔
میں نے ماہ میلاد ربیع الأول سے متعلق کچھ پہلے بی بی سی لندن کے نشریہ سے یہ خبر سنی کہ سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبد العزیز ابن باز حفظہ اللہ ان لوگوں کو کافر قرار دیتے ہیں جو میلا د نبوی کی محفل کریں، اس خبر نے عالمِ اسلام کو غیظ و غضب سے بھر دیا،میں یہ جھوٹی اور خوفناک خبر سن کر حیرت میں پڑ گیا، کیونکہ حضرت مفتی صاحب کا جو قول مشہور و معروف ہے وہ یہ ہے کہ میلاد بدعت ہے اور وہ اس سے منع فرماتے ہیں، جو شخص میلاد کی یاد گار منائے یا اس کی محفل قائم کرے وہ اس کی تکفیر نہیں کرتے،غالباً یہ ان رافضیوں کا مکر و کید ہے جو مملکت سعودیہ سے بغض وحسد رکھتے ہیں کیونکہ وہاں بدعت و خرافات اور شرک و گمراہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
بہر حال معاملہ اہم ہے اور اہل علم پر لازم ہے کہ وہ اس اہم مسئلہ کے متعلق حق بات کو واضح کریں، جس سے یہ نوبت پہنچ گئی ہے کہ مسلمان باہم ایک دوسرے سے بغض رکھنے لگے ہیں اور ایک دوسرے پر لعنت کرتے ہیں، کتنے لوگ از راہ خیرخواہی مجھ سے کہتے ہیں کہ :فلاں شخص کہتا ہے کہ میں فلاں شخص سے بغض رکھتا ہوں،کیونکہ وہ محفل مولود کا منکر ہے، مجھے اس کی اس بات سے تعجب ہوتا ہے، میں کہتا ہوں کہ جو شخص بدعت کا انکار کرے اور اس کو ترک کرنے کو کہے، کیا مسلمان اس کو دشمن بنا لیتے ہیں ؟ انہیں تو لازم تھا کہ اس سے محبت کرتے نہ یہ کہ اس سے بغض کرتے، اور ستم بالائے ستم یہ کہ مسلمانوں کے درمیان اس کی اشاعت کی جاتی ہے کہ جو لوگ مولود کی بدعت کا انکار کرتے ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو رسولؐ سے بغض رکھتے ہیں اور آپ سے محبت نہیں کرتے، حالانکہ یہ بد ترین جرم اور گناہ ہے جو کسی ایسے بندہ سے کیسے ہوسکتا ہے جو اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو؟ کیونکہ رسولؐ سے بغض رکھنا یا آپ سے محبت نہ کرنا کھلا ہوا کفر ہے، ایسے شخص کو اسلام سے ذرا بھی نستب باقی نہیں رہ جاتی، والعیاذ باللہ۔

آخر میں یہ عرض ہے کہ انہیں اسباب کی بناء پر میں نے یہ رسالہ لکھا تاکہ ایک اعتبار سے تو وہ ذمہ داری ادا ہو جائے جو حق کے واضح کرنے کی عائد ہوتی ہے اوردوسری میری یہ خواہش بھی تھی کہ ہر سال ابھرنے اوراسلام کی آزمائش میں اضافہ کرنے والے اس فتنہ کی روک تھام ہو- واللہ المستعان وعلیہ التکلان۔
 
ایک اہم علمی مقدمہ

شریعت اسلامیہ میں میلاد نبوی کا حکم معلوم کرنے کے لئے جو شخص اس رسالہ کا مطالعہ کرے میں اسے انتہائی خیرخواہی کے ساتہ یہ کہتا ہوں کہ وہ اس مقدمہ کو بہت ہی توجہ کے ساتہ کئی مرتبہ ضرور پڑھ لے،یہاں تک کہ اس کو خوب اچھی طرح سمجہ لے، اگرچہ اس کو دس مرتبہ ہی کیوں نہ پڑھنا پڑے، اور اگر نہ سمجہ میں آئے تو کسی عالم سے خوب سمجہ کر پڑھ لے تاکہ کوئی غلطی نہ رہ جائے، کیونکہ اس مقدمہ کا سمجھنا صرف مسئلہ مولود کے لئے ہی نہیں مفید ہے بلکہ یہ بہت سے دینی مسائل میں مفید ہے۔جس میں لوگ عام طور سے اختلافات کرتے رہتے ہیں کہ یہ بدعت ہے یا سنت، اور اگر بدعت ہے تو بدعت ضلالت ہے یا بدعت حسنہ ؟
میں انشاء اللہ قارئین کے سامنے تفصیل سے بیان کروں گا اور اشارات کو قریب کروں گا۔ اور مثالوں سے وضاحت کروں گا، اور معنی و مراد کو قریب لانے کی کوشش کروں گا، تا کہ قاری اس مقدمہ کو سمجہ لے، جو پیچیدہ اختلافی مسائل کے سمجھنے کے کلید ہے کہ آیا وہ دین وسنت ہیں جو قابل عمل ہیں یا گمراہی اور بدعت ہے جس کا ترک کرنا اور جس سے دور رہنا ضروری اور واجب ہے -

اب اللہ کا نام لے کر یہ کہتا ہوں کہ اے میرے مسلمان بھائی! تمہیں معلوم ہونا چاہئے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے رسول محمدؐ کو نبی بنا کر مبعوث فرمایا اور ان پر لوگوں کی ہدایت اور اصلاح کے لئے اپنی کتا ب قرآن کریم نازل فرمائی تاکہ لوگ اس سے ہدایت یاب ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی وسعادت حاصل کریں، جیساکہ اللہ نے ارشاد فرمایا :

[ النساء: 174، 175] اے لوگو! یقیناً تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے ایک دلیل آ چکی ہے اور ہم نے تمہارے پاس ایک صاف نور بھیجا ہے، سو جو لوگ اللہ پر ایمان لائے، اور انہوں نے اللہ کو مضبوط پکڑا، سو ایسوں کو اللہ اپنی رحمت میں داخل کریں گے،اور اپنے فضل میں، اور اپنے تک ان کو سیدھا راستہ بتلا دیں گے۔(1)
اس سے معلوم ہوا کہ لوگوں کی ہدایت اور اصلاح جس سے روح میں کمال اور اخلاق میں حُسن و فضیلت حاصل ہو اس وحی الٰہی کے بغیر نہیں ہوسکتی جو اللہ کی کتاب اور اس کے رسولؐ کی سنت میں جلوہ گر ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ احکام کی وحی فرماتے ہیں اور رسولؐ اس کی تبلیغ فرماتے ہیں اور اس پر عمل کرنے کی کیفیت بیان فرماتے ہیں اور اہل ایمان اس پر عمل کرتے ہیں، اور اس طرح وہ کمال وسعادت کی نعمت سے ہم کنار ہوتے ہیں۔
اے معزز قاری! ہم قسم کھا کر کہتے ہیں کہ ہدایت اور اصلاح کے بعد اس راستہ کے سوا کوئی اور راستہ کمال وسعادت کے حصول کا نہیں ہے، اور وہ راستہ ہے وحی الٰہی پر عمل کرنا جو کتاب وسنت میں موجود ہے
محترم قارئین !اس کا راز یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ سارے جہاں کا رب ہے،یعنی ان کا خالق و مربی اور ان کے تمام معاملات کی تدبیر و انتظام کرنے والا اور ان کا مالک ہے، سارے لوگ اپنے وجود میں اور اپنی پیدائش میں، اپنے رزق و امداد میں اور تربیت و ہدایت اور اصلاح میں دونوں جہاں کی زندگی کی تکمیل وسعادت کے لئے اس کے محتاج محض ہیں، اللہ تعالیٰ نے تخلیق کے کچھ قوانین مقرر فرمائے ہیں، انہی قوانین کے مطابق وہ انجام پاتی ہے اور وہ قانون ہے نر اور مادہ کے باہم اختلاط کا، اسی طرح اللہ تعالیٰ نے مخلوق کی ہدایت اور اصلاح کا بھی قانون مقرر فرما دیا ہے اور جس طرح تخلیق کا عمل بغیر اس کے قانون کے نہیں انجام پاسکتا جو لوگوں میں جاری ہے اسی طرح ہدایت اور اصلاح کا کام بھی اللہ تعالیٰ کے قانون کے مطابق ہی انجام پاتا ہے اور وہ قانون ہے ان احکام و تعلیمات پر عمل کرنا جو اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں اور اپنے رسول حضرت محمدؐ کی زبان مبارک پر مشروع فرما دیا ہے،اور ان کو اس طریقہ کے مطابق نافذ اور جاری کرنا جو طریقہ رسولؐ نے بیان فرمایا ہے۔ اس سے یہ بات معلوم ہو گئی کہ کوئی بھی ایسی ہدایت یا سعادت یا کمال جو اللہ تعالیٰ کے مشروع کئے ہوئے طریق کے علاوہ کسی اور طریق سے آئے کسی بھی حال میں قابل قبول نہیں ہے۔
تم باطل دین والوں کو مثلاً یہود و نصاریٰ اورمجوسیوں وغیرہ کو دیکھتے ہو تو کیا یہ سب راہ ہدایت پا گئے ہیں یا کمال وسعادت سے حصہ پا چکے ہیں ؟ہرگز نہیں اور وجہ ظاہر ہے کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کے نازل کئے ہوئے طریقے نہیں ہیں،اسی طرح ہم ان قوانین کو دیکھتے ہیں جن کو انسانوں نے عدل و انصاف کے حصول، لوگوں کے مال و جان، ان کی عزت و آبرو کی حفاظت اور ان کے اخلاق کی تکمیل کے لئے بنائے ہیں،کیا یہ قوانین جس مقصد کے لئے بنائے گئے تھے وہ مقصد حاصل ہوئے ؟جواب یہ ہے کہ نہیں، کیونکہ زمین جرائم اور ہلاکت خیزیوں سے بھری ہوئی ہے، اسی طرح امت اسلامیہ کے اندر اہل بدعت کو دیکھتے ہیں، بدعتیوں میں بھی زیادہ پست اور گھٹیا درجہ کے لوگ ہیں، نیز اسی طرح اور بھی اکثرمسلمانوں کو دیکھتے ہیں کہ جب وہ اللہ کے بنائے ہوئے قانون سے ہٹ کر انسان کے بنائے ہوئے قانون کی طرف مائل ہوئے تو ان کے اندر اختلاف پیدا ہو گیا،ان کا مرتبہ گھٹ گیا اور وہ ذلیل ورسوا ہو گئے،اور اس کا سبب یہی ہے کہ یہ لوگ وحی الٰہی کو چھوڑکردوسرے طریقوں پر عمل کرتے ہیں غور سے سنو اور دیکھو کہ اللہ تعالیٰ شریعت اسلامیہ کے علاوہ ہر قانون و شریعت کی کیسی مذمت فرما رہے ہیں۔ارشاد باری تعالیٰ ہے :
أَمْ لَہٗ شُرَکاء شَرَعُوا لَہم مِّنَ الدِّینِ مَا لَمْ یأْذَن بِہ اللَّہ وَلَوْلَا کلِمَۃ الْفَصْلِ لَقُضِی بَینَہمْ وَإِنَّ الظَّالِمِینَ لَہمْ عَذَابٌ أَلِیمٌ} (21) سورة الشوریٰ]
"کیا ان لوگوں نے ایسے اللہ کے شریک مقرر کر رکھے ہیں جنہوں نے ایسے احکام دین مقرر کر دئیے ہیں جو اللہ کے فرمائے ہوئے نہیں ہیں اگر فیصلے کے دن کا وعدہ نہ ہوتا تو ابھی ہی ان میں فیصلہ کر دیا جاتا، یقیناً ان ظالموں کے لئے ہی دردناک عذاب ہے "۔
اور رسولؐ فرماتے ہیں کہ (من أحدث فی أمرنا ھذا مالیس منہ فہوردّ)" جس نے ہمارے اس امر(دین) میں کوئی ایسی بات نکالی جو اس میں سے نہیں ہے تو وہ مردود ہے (یعنی مقبول نہیں ہے " اور فرمایا ( من عمل عملا لیس علیہ أمرنا فہو ردّ) (مسلم)" اور جس نے کوئی ایسا عمل کیا جس پر ہمارا امر نہیں ہے تو وہ رد ہے یعنی مقبول نہیں ہے "۔ اور اس پر اس کو کوئی ثواب نہیں ملے گا، اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جس امر کو مشروع نہیں فرمایا ہے وہ عمل نفس کے تزکیہ و تطہیر میں مؤثر نہیں ہوسکتا،کیونکہ وہ تطہیر و تزکیہ کے اس مادہ سے خالی ہے جو اللہ تعالیٰ نے ان اعمال میں پیدا فرمایا ہے، جن کو مشروع کیا ہے اور جن کے کرنے کی اجازت عطا فرمائی ہے۔
دیکھو اللہ تعالیٰ نے اناج، پھلوں اور گوشت کے اندر کس طرح غذائیت کا مادہ پیدا فرما دیا ہے، لہذا ان کے کھانے سے جسم کو غذا ملتی ہے جس سے جسم کی نشوونما ہوتی ہے اور قوت کی حفاظت ہوتی ہے اور مٹی لکڑی اور ہڈی کو دیکھو کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو غذائیت کے مادہ سے خالی رکھا ہے۔اس لئے یہ غذائیت نہیں پہنچاتیں،اس سے یہ بات ظاہر ہو گئی کہ بدعت پر عمل کرنا ایسا ہی ہے جیسے مٹی، ایندھن اور لکڑی سے غذائیت حاصل کرنا، اگر ان چیزوں کا کھانے والا غذائیت حاصل نہیں کرسکتا تو بدعت پر عمل کرنے والے کی روح بھی پاک وصاف نہیں ہوسکتی اس بناء پر ہر ایسا عمل جس کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کے تقرب کی نیت کی جائے تاکہ شقاوت و نقصان سے نجات و کمال اورسعادت حاصل ہو، سب سے پہلے ان اعمال میں سے ہونا چاہئے جن کو اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں اور اپنے رسولؐ کی زبان پر مشروع فرمایا ہے اور دوسری بات یہ کہ وہ اسی طریقہ سے ادا کیا جائے جس طریقہ سے رسولؐ نے ادا فرمایا ہے، اس میں اس کی کمیت کی رعایت اس طرح ہو کہ اس کی تعداد میں زیادتی ہو اور نہ کمی، اور کیفیت کی رعایت اس طرح ہو کہ اس کے کسی جزء کو کسی جزء پر مقدم و مؤخر نہ کیا جائے،اور وقت کی رعایت اسطرح ہو کہ وقت غیر معینہ میں اس کو نہ کرے اور جگہ کی بھی رعایت ہو کہ جس جگہ کو شریعت نے مقرر کر دیا ہے اس کے علاوہ اس کو دوسری جگہ ادانہ کرے، اور کرنے والا اس سے اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری اوراس کی رضا و خوشنودی اور قرب کے حصول کی نیت کرے اس لئے کہ ان شروط میں سے کسی ایک کے نہ پائے جانے سے وہ عمل باطل ہو جائے گا،وہ شروط یہی ہیں کہ وہ عمل مشروع ہو اور اس کو اسی طریقہ سے ادا کرے جس طریقہ سے رسولؐ نے ادا کیا ہے اور اس سے صرف اللہ تعالیٰ کی رضامندی کی نیت رکھے کہ غیر اللہ کی طرف توجہ اور التفات نہ کرے، اور جب عمل باطل ہو جائے گا تو وہ نفس کے تزکیہ اور تطہیر میں مؤثر نہیں ہو گا، بلکہ ممکن ہے کہ اس کی گندگی اور نجاست کا سبب بن جائے، مجھے مہلت دیجئے تو میں یہ حقیقت ذیل کی مثالوں سے واضح کر دوں :
1-نماز :کتاب اللہ سے اس کی مشروعیت ثابت ہے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : النساء (4:103)]" پس نماز کو قاعدہ کے مطابق پڑھو،یقیناً نماز مومنوں پر مقررہ وقتوں پر فرض ہے " اور سنت سے بھی ثابت ہے،رسولؐ نے ارشاد فرمایا " خمس صلوات کتبھن اللہ " الحدیث (رواہ مالک)"پانچ نمازیں ہیں اللہ نے انھیں فرض کیا ہے " اب غور کرو کہ کیا بندہ کے لئے یہ کافی ہے کہ جس طرح چاہے اور جب چاہے اور جس وقت چاہے اور جس جگہ چاہے نماز پڑھ لے ؟جواب یہ ہے کہ نہیں :بلکہ دوسری حیثیتوں یعنی تعداد و کیفیت اور وقت و جگہ کی رعایت بھی ضروری ہے،لہذا اگر مغرب میں جان بوجہ کر ایک رکعت کا اضافہ کر کے چار رکعت پڑھ لے تو نماز باطل ہو جائے گی، اور فجر کی نماز میں ایک رکعت کم کر کے ایک ہی رکعت پڑھے تو وہ بھی صحیح نہیں، اور اسی طرح اگر کیفیت کی رعایت نہ کرے کہ ایک رکن کو دوسرے رکن پر مقدم کر دے تو بھی صحیح نہیں، اور اسی طرح وقت اور جگہ کا بھی حال ہے کہ اگر مغرب غروب آفتاب سے پہلے پڑھ لے، یا ظہر زوال سے پہلے پڑھ لے تو نماز صحیح نہ ہو گی، اسی طرح اگر مذبح یا کوڑی خانہ میں نماز پڑھے تو بھی نماز صحیح نہ ہو گی، کیونکہ اس کے لئے جیسی جگہ شرط ہے یہ ویسی جگہ نہیں ہے
2-حج: اس کی بھی مشروعیت کتاب وسنت دونوں سے ثابت ہے اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے : ﴿ آل عمران، 3:97)
"اللہ نے ان لوگوں پر جو اس کی طرف راہ پا سکتے ہوں اس گھر کا حج فرض کر دیا ہے اور جو کوئی کفر کرے تو اللہ تعالیٰ (اس سے بلکہ ) تمام دنیا سے بے پرواہ ہے " اور رسولؐ نے ارشاد فرمایا کہ "اے لوگو! اللہ نے تمہارے اوپر حج فرض کیا ہے پس تم حج کرو"(رواہ مسلم)
اب یہ دیکھو کہ کیا بندہ کو یہ حق ہے کہ جس طرح چاہے اور جب چاہے حج کر لے ؟ یہاں بھی جواب نہیں میں ہے، بلکہ اس کے ذمہ لازم ہے کہ چاروں حیثیتوں کی رعایت کرے ورنہ تو اس کا حج صحیح نہ ہو گا،یعنی کمیت (مقدار) کی، پس طواف اور سعی میں شوط(چکّر) کے عدد کی رعایت کرے، اگر عمداً اس میں کمی یا زیادتی کی تو وہ فاسد ہو جائے گا، اور کیفیت کی رعایت کرے، چنانچہ اگر طواف احرام سے پہلے کر لیا، یا سعی طواف سے پہلے کر لی تو حج صحیح نہ ہو گا، اور وقت کی رعایت کرے،چنانچہ اگر وقوف عرفہ 9ذی الحجہ کے علاوہ کسی اور وقت ہو تو صحیح نہ ہو گا، اور جگہ اور مقام کی رعایت کرے، چنانچہ اگر بیت الحرام کے سوا کسی اور جگہ کا طواف کرے یا صفا و مروہ کے علاوہ کسی دوسری دو جگہوں کے درمیان سعی کرے یا عرفہ کے علاوہ کسی دوسری جگہ وقوف کرے تو حج نہ ہو گا۔
3-روزہ: یہ بھی عبادت مشروعہ ہے،اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ :﴿ البقرة، 2:183) ’اے ایمان والو!تم پر روزہ فرض کیا گیا ہے ‘ اور رسولؐ نے ارشاد فرمایا کہ :" چاند دیکھ کر روزہ رکھو اور چاند دیکھ کر افطار کرو پس اگر بدلی ہو جائے تو شعبان کو تیس دن پورا کر لو"(بخاری و مسلم)
اب کیا بندہ کو یہ حق حاصل ہے جس طرح چاہے اور جب چاہے روزہ رکھے، جواب نہیں میں ہے، بلکہ چاروں حیثیتوں کی رعایت ضروری ہے، یعنی کمیت (مقدار) کی،پس اگر انتیس یا تیس سے کم رکھے گا تو روزہ صحیح نہ ہو گا، اسی طرح اگر ایک دن یا کئی دن کا اضافہ کرے گا،تب بھی صحیح نہ ہو گا کیونکہ اس نے مقدار اور تعداد میں خلل پیدا کر دیا اور اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ (ولتکملوا العِدّۃ)"اور تاکہ تم شمار پورا کرو" اسی طرح کیفیت کی رعایت بھی ضروری ہے، اگر اس میں بھی اس نے تقدیم و تاخیر کر دی کہ رات میں روزہ رہا اور دن میں افطار کیا تو یہ بھی صحیح نہیں اور زمانہ کی بھی رعایت ضروری ہے، چنانچہ اگر رمضان کے بدلہ شعبان یا شوال میں روزہ رہا تو یہ بھی صحیح نہیں، اور جگہ اور مکان کی بھی رعایت ضروری ہے اور اس سے مراد وہ شخص ہے، جو روزہ رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو’ لہذا اگر حائضہ یا نفاس والی عورت روزہ رکھے تو اس کا روزہ صحیح نہیں ہو گا۔اسی طرح تمام عبادتوں کا حال ہے کہ اسی وقت صحیح اور قبول ہوتی ہیں جب ان کے تمام شرائط کی رعایت کی جائے، اور وہ شرائط یہ ہیں :
1- یہ کہ ان کی مشروعیت وحی الٰہی سے ہوئی ہو، کیونکہ رسولؐ کا ارشاد ہے کہ ( من عمل عملا لیس علیہ أمرنا فہو ردّ)( مسلم) "جس نے کوئی ایسا عمل کیا جو ہمارے دین میں سے نہیں ہے تو وہ مردود ہے " یعنی قابل قبول نہیں۔
2-یہ کہ اس کو صحیح طور پر ادا کرے اور چاروں حیثیات یعنی کمیت و مقدار اور کیفیت یعنی وہ طریقہ جس کے مطابق وہ عبادت ادا کی جائے اور زمانہ جواس کے لئے مقرر کیا گیا ہے اور جگہ جو اس کے لئے متعین کی گئی ہے اس کا لحاظ اور اس کی رعایت ہو۔
3- اور وہ خالص اللہ تعالیٰ کے لئے ہو اس میں کسی اور کو خواہ وہ کوئی بھی ہو اللہ کا شریک نہ ٹھہرائے ’
اے مسلمان بھائی! اس وجہ سے بدعت باطل اور گمراہی ہے،باطل تو اس لئے ہے کہ وہ روح کو پاک نہیں کرتی، کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کی مشروع کی ہوئی نہیں ہے، یعنی اس کے لئے اللہ اوررسولؐ کا حکم نہیں ہے، اور ضلالت و گمراہی اس لئے ہے کہ بدعت نے بدعتی کو حق سے جھٹکا دیا اور اس شرعی عمل سے اس کو دور کر دیا جو اس کے نفس کا تزکیہ کرتا اورجس پر اس کا پروردگار اس کو جزا و ثواب عطا کرتا۔
تنبیہ: برادر مسلم !آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ جو عبادت کتاب وسنت سے مشروع ہے یعنی جس کے لئے اللہ ورسول کا حکم ہے کبھی کبھی اس میں بدعت خواہ اس کی کمیت میں یا اس کی کیفیت یا زمان و مکان میں داخل ہو جاتی ہے، اور وہ اس عبادت کرنے والے کے عمل کو غارت کر دیتی ہے اوراس کو ثواب سے محروم کر دیتی ہے،یہاں پر ہم آپ کے سامنے ایک مثال پیش کرتے ہیں " ذکر اللہ " اللہ کے ذکر کی یہ ایک عبادت ہے جو کتاب وسنت سے مشروع ہے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ( یآأیہا اللذین آمنوا أذکرواللہ کثیرا) "اے ایمان والو!اللہ کا کثرت سے ذکر کرو" اور رسولؐ نے ارشاد فرمایا کہ " اس شخص کی مثال جو رب کا ذکر کرتا ہے اور جو ذکر نہیں کرتا،زندہ اور مردہ کی مثال ہے "(بخاری)
اور اس کی مشروعیت کے باوجود بہت سے لوگوں کے یہاں اس میں بدعت داخل ہو گئی ہے، اور اس بدعت نے ان کے ذکر کو تباہ کر دیا اور ان کو اس کے ثمرہ اور فائدہ یعنی تزکیہ نفس، صفائے روح اور اس پر چلنے والے اجر و ثواب اور خوشنودی الٰہی سے ان کو محروم کر دیا، کیونکہ بعض لوگ غیر مشروع الفاظ سے ذکر کیا کرتے ہیں مثلاً "اسم مفرد" اللہ،اللہ، اللہ، یا ضمیر غائب مذکر ھو،ھو،ھو سے ذکر کرنا، اور بعض لوگ دسیوں مرتبہ حرف نداء کے ساتھ اللہ کا ذکر کرتے ہیں، اوراس سے کچھ سوال و دعا نہیں کرتے، اس طرح جیسے یا لطیف،یا لطیف، یا لطیف اور بعض آلات طرب کے ساتہ ذکر کرتے ہیں،اور بعض لوگ الفاظ مشروعہ مثلاً " لاإلہ إلا اللہ " کے ساتہ ہی ذکر کرتے ہیں لیکن جماعت بنا کر ایک آواز کرتے ہیں یہ ان چیزوں میں سے ہے کہ جس کو شارع نے نہ خود کیا ہے، نہ اس کے کرنے کا حکم دیا ہے، اور نہ اس کی اجازت دی ہے، ذکر تو ایک فضیلت والی عبادت ہے لیکن اس کی کمیت اور کیفیت اور ہیئت و شکل میں جو بدعت داخل ہو گئی اس کی وجہ سے اس کا کرنے والا اس کے اجر و ثواب سے محروم ہو گیا،
اب آخر میں معزز قارئین کے سامنے اس مفید مقدمہ کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے عرض کر رہا ہوں کہ :بندہ جس عمل کے ذریعہ اللہ کا قرب حاصل کرتا ہے اور اس کی عبادت کرتا ہے تاکہ دنیا میں فضائل نفس کی تکمیل اور اپنے معاملہ کی درستگی کر لینے کے بعد آخرت میں اللہ کے عذاب سے نجات پائے اور اس کے قرب میں دائمی نعمت سے سرفراز ہو، وہ عمل اور عبادت وہی ہوسکتی ہے جو مشروع ہو، اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں جس کا حکم فرمایا ہو، یا اپنے رسولؐ کی زبانی جس کی ترغیب دی ہو اور یہ کہ مومن اس کو صحیح طریقہ سے ادا کرے اور چاروں حیثیات یعنی کمیت و کیفیت اور زمان و مکان کی رعایت کرے اور ساتہ ہی اس میں اللہ تعالیٰ کے لئے اخلاص بھی ہو، پس اگر عبادت کی مشروعیت وحی الٰہی سے ثابت نہیں ہے تو وہ بدعت اور ضلالت ہے، اور اگر مشروع ہے لیکن اس کی ادائیگی میں خلل اور رخنہ ہے کیونکہ اس میں اس کی چاروں حیثیات کی رعایت نہیں ہے یا اس میں بدعت داخل ہو گئی ہے تو بھی وہ قربت فاسدہ اور عبادت فاسدہ ہے،اور اگر اس میں شرک کی آمیزش ہو گئی تو پھر وہ غارت ہو جانے والی اور بالکل باطل عبادت ہے جس سے نہ کوئی راحت پہنچ سکتی ہے، اور نہ وہ کوئی بلا اور مصیبت دور کرسکتی ہے، والعیاذ باللہ۔
 
مفید تکملہ

سنت اور بدعت کا بیان

بدعت کی تعریف سے پہلے سنت کی تعریف ضروری ہے کیونکہ سنت کا تعلق فعل اور عمل سے ہے اور بدعت کا تعلق ترک سے ہے اور فعل ترک پر مقدم ہوتا ہے،نیز سنت کی تعریف سے بدعت کی تعریف بھی بدیہی طور پر معلوم ہو جائے گی۔
سنت کیا ہے : سنت کے معنی لغت میں "طریقہ متبعہ "(وہ طریقہ جس کی پیروی کی جائے ) اس کی جمع "سنن" ہے اور شریعت میں سنت سے مراد وہ اچھے طریقے ہیں جن کو رسولؐ نے اپنی امّت کے لئے اللہ کے حکم سے مشروع فرمائے ہیں۔ نیز وہ آداب و فضائل جن کی آپ نے ترغیب دی ہے تاکہ ان سے آراستہ ہو کر کمالات وسعادت حاصل ہو، پس اگر وہ سنت ایسی ہے کہ آپ نے اس کے انجام دینے اور اس کی پابندی کا حکم فرمایا ہے تو وہ ان سنن واجبہ میں سے ہے جن کا ترک کرنا مسلمان کو جائز نہیں ہے، ورنہ تو وہ سنن مستحبہ ہیں جن کے کرنے والے کو ثواب ہو گا اور اس کے ترک کرنے والے کو عقاب نہ ہو گا
یہ بھی جان لینا چاہئے کہ جس طرح نبی کریمؐ کے قول سے سنت کا ثبوت ہوتا ہے، اسی طرح آپ کے فعل اور تقریر( یعنی آپ کے سامنے کسی نے کوئی فعل کیا اور آپ اس پر خاموش رہے )سے بھی ثابت ہو جاتی ہے، نبی کریمؐ نے جب کوئی فعل کیا اور پابندی کے ساتہ اس کو بار بار آپ کرتے رہے تو وہ فعل امت کے لئے سنت ہو جائیگا مگر یہ کہ کسی کو دلیل سے یہ معلوم ہو جائے کہ یہ فعل آپ کی خصوصیات میں سے ہے، مثلاً آپ کا متواتر روزے رکھنا، اور اگر آپ نے صحابہ کے درمیان کوئی چیز دیکھی یا سُنی اور وہ چیز کئی مرتبہ ہوئی اور آپ نے اس کی نکیر نہیں فرمائی تو وہ بھی سنت ہو جائے گی، کیونکہ آپ نے اس کی تقریر اور تثبیت فرما دی، لیکن اگر یہ فعل اور دیکھنا اورسننا بار بار نہ ہو تو یہ سنت نہ ہو گا کیونکہ "سنت"کا لفظ تکرار سے مشتق ہے اور غالباً وہ "سنّ السکّین" (یعنی چھری کو دھار بنانے والے اوزار پر بار بار رکھا یہاں تک کہ وہ دھار والی ہو گئی ) سے ماخوذ ہے۔جو کام آپؐ نے ایک بار کیا اور پھر دوبارہ اس کو نہیں کیا اور وہ فعل سنت نہیں ہوا اس کی مثال یہ ہے کہ آپ نے بغیر کسی عذر سفر یا مرض یا بارش کے ظہر و عصر اور مغرب و عشاء کی نماز کو جمع کر کے پڑھا،اسی لئے یہ تمام مسلمانوں کے نزدیک قابل اتباع سنت نہیں ہے، جو کام آپ کے سامنے ایک مرتبہ کیا گیا اور آپ اس پر خاموش رہے اوراس کو برقرار رکھا، جس کی وجہ سے وہ ایسی سنت نہ قرار پائی جس پر مسلمان عمل کریں، اس کی مثال یہ واقعہ ہے کہ:" ایک عورت نے منت مانی کہ اگر اللہ تعالیٰ نے رسولؐ کو سفر سے سلامتی کے ساتہ واپس لایا تو وہ اس خوشی میں اپنے سرپر دف رکھ کر بجائے گی۔ چنانچہ اس عورت نے ایسا ہی کیا" (ابو داؤد و ترمذی)اور رسولؐ نے اس کو نہ روک کراس کو برقرار رکھا لیکن یہ ایک ہی بار ہوا اس لئے یہ عمل سنت نہیں قرار پایا، کیونکہ یہ بار بار نہیں ہوا-
اور اس کی مثال کہ جو رسولؐ نے بار بار کیا ہو اور وہ بلاکسی نکیر کے سنت بن گیا جس پر مسلمان عمل کرتے ہیں وہ فرض نماز کے بعد صف کے سامنے آپؐ کا اپنا چہرہ کر کے بیٹھنا ہے، آپؐ نے بیٹھنے کی اس ہیئت کا حکم نہیں فرمایا، لیکن آپ نے اس کو کیا اور سینکڑوں بار کیا، اس لئے یہ ہر امام جو لوگوں کو نماز پڑھائے اس کے لئے سنت بن گیا۔
اوراس کی مثال کہ جس کو آپ نے بار بار دیکھا اور سنا، اوراس کو برقرار رکھا اس لئے وہ عمل سنت ہو گیا، جنازہ کے آگے اور اس کے پیچھے چلنا ہے، کیونکہ آپؐ صحابہ کو دیکھتے تھے کہ بعض حضرات جنازہ کے پیچھے چل رہے ہیں اور بعض اس کے آگے، اور آپ نے یہ بار بار دیکھا، اور خاموش رہے، اس طرح اس عمل کو برقرار رکھا، اس لئے جنازہ کے پیچھے اوراس کے آگے چلنا ایک سنت بن گیا جس میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
میرے بھائی !جیساکہ بیان ہوا کہ یہی سنت ہے اس کو ہمیشہ یا د رکھو اوراسی کے ساتہ چاروں خلفائے راشدین، حضرت ابوبکر،حضرت عمر،حضرت عثمان،حضرت علی رضی اللہ عنہم اجمعین کی سنت کو بھی ملالو،کیونکہ رسولؐ نے ارشاد فرمایا ہے کہ(فعلیکم بسنتی وسنۃ الخلفاء الراشدین المہدیین من بعدی عضوا علیہا بالنواجذ)(ابو داود ترمذی) "تمہارے اوپر میری سنت اور میرے بعد خلفائے راشدین کی لازم ہے اس کو دانت سے پکڑ لو یعنی مضبوطی سے"
بدعت :اب رہی بدعت تو یہ سنت کی نقیض اور ضد ہے جو (ابتدع الشیء ) "بغیر کسی پہلی مثال کے کوئی نئی چیز نکالنا"سے مشتق ہے اور شریعت کی اصطلاح میں ہر اس چیز کو بدعت کہتے ہیں جس کو اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں یا اپنے رسولؐ کی زبان سے مشروع نہ فرمایا ہو، خواہ وہ عقیدہ ہو یا قول یا فعل ہو اورآسان عبارت میں یوں کہ سکتے ہیں کہ بدعت ہر وہ چیز ہے جو رسولؐ اور آپ کے صحابہ کے زمانہ میں دینی حیثیت سے نہ رہی ہو کہ اس کے ذریعہ اللہ کی عبادت اوراس کا قرب حاصل کیا جاتا ہو، خواہ عقیدہ ہو یا قول و عمل اور خواہ اس کو کتنا ہی تقدس دینی اور قربت و طاعت کا رنگ دیا گیا ہو۔
اب ہم بدعت اعتقادی،بدعت قولی، اور بدعت عملی میں سے ہر ایک کی مثال دے کر بدعت کی حقیقت واضح کریں گے۔ واللہ یہدی من یشاء إلی صراط مستقیم۔

بدعت اعتقادی : بہت سے مسلمانوں کا اعتقاد ہے کہ اولیاء اللہ کا بھی اس دنیا سے متعلق ایک انتظامی نظام ہے جو "خفیہ حکومت" سے بہت زیادہ مشابہ ہے جس کے ذریعہ معزولی و تقرری،عطا و منع، ضرر و نفع کے کام انجام پاتے ہیں اور یہ لوگ اقطاب و ابدال کہلاتے ہیں اور بہت مرتبہ ہم نے لوگوں کو اس طرح فریاد کرتے سنا کہ اے انتظام عالم سے تعلق رکھنے والے مردان خدا! اور اے اصحاب تصرف!
اسی طرح یہ اعتقاد کہ اولیاء کی ارواح اپنی قبروں میں ان لوگوں کی شفاعت کرتی ہیں اور ان کی ضروریات پوری کرتی ہیں جو ان کی زیارت کو جاتے ہیں، اسی واسطے وہ لوگ ان کے پاس اپنے مریضوں کو لے جاتے ہیں تاکہ ان سے شفاعت کروائیں، وہ لوگ کہتے ہیں کہ " جو شخص اپنے معاملات سے تنگ اور عاجز آگیا ہو تو اس کو اصحاب قبور کے پاس آنا چاہئے "(موضوع حدیث) اسی طرح یہ عقیدہ کہ اولیاء اللہ غیب کی باتیں جانتے ہیں اور لوح محفوظ میں دیکھ لیتے ہیں اور ایک قسم کا تصرف کیا کرتے ہیں، خواہ وہ زندہ ہوں یا مردہ اسی لئے وہ ان کے لئے محفلیں قائم کرتے ہیں ’ اور نذر و نیاز پیش کرتے ہیں اور خاص خاص رسومات کے ساتہ ان کا عرس مناتے ہیں۔
یہ اوراس طرح کی بہت سی اعتقادی بدعتیں ہیں، جو رسولؐ کے زمانے میں موجود نہیں تھیں، اور نہ صحابہ کے زمانہ میں، اور نہ ان تینوں زمانوں میں جس کے صلاح و خیر کی رسولؐ کی اس حدیث میں شہادت آئی ہے (خیر القرون قرنی ثم اللذین یلونہم ثم اللذین یلونہم) (بخاری و مسلم) "یعنی بہترین زمانہ میرا زمانہ ہے،پھر ان لوگوں کا جو ان سے متصل ہیں پھر ان کا جو ان سے متصل ہیں "

بدعت قولی: اس کی مثال اللہ تعالیٰ سے اس طرح سوال کرنا ہے کہ اے اللہ! بجاہ فلاں اور بحق فلاں ہماری دعا قبول فرما لے، اس طرح دعا کرنے کی عام عادت ہو گئی ہے، جس میں چھوٹے،بڑے اول و آخر اور جاہل و عالم سب مبتلا ہیں، اس کو لوگ بہت بڑا وسیلہ سمجھتے ہیں، کہ اس پر اللہ تعالیٰ وہ چیزیں عطا فرماتے ہیں، جو دوسرے طریقہ سے نہیں عطا فرماتے، اس وسیلہ کے انکار کی کوئی کوشش جرأت بھی نہیں کرسکتا، کیونکہ ایسا شخص دین سے خارج اور اولیاء و صالحین کا دشمن سمجھا جاتا ہے جب کہ یہ بدعت قولیہ جس کا نام وسیلہ ہے رسولؐ اورسلف صالح کے عہد میں موجود نہ تھی، اور نہ کتاب وسنت میں اس کا کوئی ذکر ہے،اور اس سلسلہ میں سب سے زیادہ درست بات یہ ہے کہ فرقہ باطنیہ کے غالی بد دین لوگوں نے اس کو ایجاد کیا تاکہ اس طرح وہ مسلمانوں کو ان مفید اور نافع وسائل سے روک دیں جن سے مسلمانوں کی پریشانیاں دور اور ان کی ضرورتیں پوری ہوتی ہیں، جیسے نماز و صدقہ، اور ادعیہ و اذکار ماثورہ وغیرہ۔
اسی بدعت قولی میں سے وہ بھی ہے جو اکثر متصوفین کے یہاں متعارف ہے، یعنی ذکر کے حلقے قائم کرنا، کبھی ھو، ھو،ھی، ھی، کے الفاظ سے اور کبھی اللہ،اللہ کے الفاظ سے، اور کھڑے ہو کر اپنی پوری بلند آواز سے، اسی طرح ایک گھنٹہ یا دو گھنٹہ کرتے ہیں یہاں تک کہ بعض بے ہوش ہو جاتے ہیں اور یہاں تک کہ بعض خلاف شرع باتیں کرنے لگتے ہیں اور کفر بکنے لگتے ہیں، انہی میں سے ایک شخص نے اپنے بھائی کو قتل کر دیا تھا اوراسے یہ خبر نہ تھی کہ وہ چھری کہاں مار رہا ہے۔
اسی طرح مد حیہ قصائد و اشعار کا بے ریش لڑکوں اور داڑھی منڈوں کی آوازسے سننا اور عود و مزامیر اور دف کا سننا ہے، یہ اور اس طرح کی قولی بدعات بہت ہیں، حالانکہ اللہ کی قسم!یہ ساری چیزیں رسولؐ کے زمانہ میں اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کے زمانے میں نہیں تھیں، بلکہ یہ سب زندیقوں، دین اسلام میں تخریب پیدا کرنے والوں اور امت محمدیہ میں فساد پیدا کرنے والوں کی ایجاد ہے تاکہ مسلمانوں کو مفید اور نافع شئے سے مضر چیز کی طرف اور حقیقت وسنجیدگی سے لہو و لعب کی طرف متوجہ کر دیں۔

بدعت فعلی: اس کی مثال قبروں پر عمارت بنانا ہے اور خاص طور سے ان لوگوں کی قبروں پر جن کی نیکی اور بزرگی کے معتقد ہیں اور ان کی قبروں پر گنبد بنانا اور ان کی زیارت کے لئے سفر کرنا اور وہاں مقیم ہونا، اور ان کے پاس گائے اور بکری ذبح کرنا، اور وہاں کھانا کھلانا، یہ ساری چیزیں رسولؐ اور صحابہ رضی اللہ عنہم کے یہاں معروف نہ تھیں، اوراسی طرح ایک بدعت مسجد حرام اور مسجد نبوی سے الٹے پاؤں نکلنا ہے تاکہ خانہ کعبہ یا قبر نبوی کی طرف نکلتے وقت اس کی پشت نہ ہو، یہ بھی بدعت فعلی ہے، جو امت کے قرونِ اولیٰ میں نہ تھی،لیکن اس کو تشدد پسند لوگوں نے ایجاد کیا، اسی طرح اولیاء کی قبور کے اوپر لکڑی کے تابوت رکھنا اوراس کو لباس فاخرہ پہنانا اور خوشبو لگانا، اور چراغاں کرنا بھی بدعت ہے۔

معزز قارئین! یہ اعتقاد اور قول و عمل کی بدعات کی چند مثالیں ہیں جن پر عبادات کی چھاپ پڑ گئی ہے، اسی طرح معاملات کے اندر بھی بدعات پیدا ہو گئی ہیں، مثلاً زانی کے اوپر زنا کی حد قائم کرنے کے بجائے قید میں ڈال دینا، اسی طرح چور کے اوپر چوری کی حد جاری کرنے کے بجائے قید میں ڈال دینا، اور مثلاً گھروں،سڑکوں، اور بازاروں میں گانوں کا رواج دینا، کیونکہ اس طرح کی بیہودہ،طرب انگیزیاں اور مدح خوانیاں اس امت کے قرون اولی میں نہ تھیں، اور انہی عملی بدعات میں سے سود کی منصوبہ کاری اور اس کا اعلان نیز اس کا انکار نہ کرنا ہے، اور اسی طرح عورتوں کا بے پردہ نکلنا اور عام و خاص مقامات میں گھومنا پھرنا اور مردوں کے ساتھ ان کا اختلاط ہے، یہ ساری چیزیں بدترین بدعات ہیں اور امت اسلامیہ کو انحطاط و زوال کے خطرہ سے دوچار کرنے والی چیزیں ہیں، جس کے آثار بھی ظاہر ہو گئے ہیں جس کے لئے کسی دلیل و حجت کی ضرورت نہیں، ولا حول ولا قوۃ إلاباللہ۔العظیم

  بدعت اور مصالح مرسلہ کے درمیان فرق

برادران محترم! آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ تشریع اسلامی، جو صرف اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐکا حق ہے، جو نافع اور نفس کا تزکیہ کرنے والا روح کو پاک کرنے والا،مسلمان کو دنیا و آخرت کی سعادت و کمال دینے والا ہے، اس کے اندر کچھ لوگوں نے بدعت حسنہ کے نام سے مسلمانوں کے لئے ایسی بدعات ایجاد کیں جن کے ذریعہ انہوں نے سنتوں کو مردہ کر دیا و اور قرآن وسنت والی امت کو بدعت کے سمندر میں غرق کر دیا، جس کے سبب امت اسلام کے اکثر لوگ طریق حق اور راہ ہدایت سے ہٹ گئے اور باہم لڑنے جھگڑنے والے مذاہب پیدا ہو گئے، اور مختلف راستے اور طریقے نکلے، جو اس امت کے انحراف کے مظاہر میں سے ایک مظہر ہے۔ اس کا سبب بدعت کو اچھا سمجھنا ہے، اور بدعت کو حس قرار دینا ہے، ایک شخص چند بدعات ایجاد کرتا ہے جو سنن ہدی کے خلاف ہیں اور کہتا ہے کہ یہ حسن اور اچھی ہیں وہ اپنی بدعت کو رواج دیتے وقت کہتا ہے کہ یہ بدعت حسنہ ہے، تاکہ یہ بدعت مقبول ہو جائے اور اس پر عمل کیا جانے لگے، حالانکہ ایسا کہنا رسولؐ کے ارشاد کے خلاف ہے، آپ نے فرمایا (کل بدعۃ ضلالۃ وکل ضلالۃ فی النار )"ہر بدعت گمراہی ہے اور ہر گمراہی کا ٹھکانہ جہنم ہے "
افسوس ہے کہ بعض اہل علم اس تضلیل سے جو اللہ اور اس کے رسولؐ کے حق تشریع میں کھلی زیادتی ہے دھوکہ کھا گئے، اور انہوں نے کہا کہ بدعت میں شریعت کے پانچوں احکام یعنی وجوب،ندب،اباحت، کراہت اور حرام جاری ہوں گے، لیکن امام شاطبی رحمۃ اللہ نے اس کو سمجھا، اور میں یہاں پر بدعت کی اس تقسیم پر امام شاطبی رحمۃ اللہ کی تردید اور بدعت حسنہ کے وجود کے انکار کی تقریر پیش کرتا ہوں، وہ فرماتے ہیں :

" بدعت کی تقسیم سیئہ اور حسنہ کی طرف اور پانچوں احکام ( وجوب ندب اباجت کراہت حرمت ) کا ان پر جاری کرنا ایک گھڑی ہوئی بات ہے جس کی کوئی دلیل شرعی نہیں، بلکہ اس کا رد خود اس کے اندر موجود ہے، کیونکہ بدعت کی حقیقت یہ ہے کہ اس کی کوئی شرعی دلیل نہیں ہوا کرتی، نہ نصوص شرع سے اور نہ قواعد شرع سے، اس لئے کہ اگر وہاں کوئی دلیل شرعی اس کے وجوب یا ندب یا اباحت کی ہوتی تو پھر وہ بدعت نہ ہوتی اور وہ عمل ان اعمال میں داخل ہوتا جن کا حکم دیا گیا ہے یا جن کا اختیار دیا گیا ہے، لہذا ان اشیاء کو بدعت بھی شمار کرنا اور اس کے وجوب یا ندب یا اباحت کی دلیل کا بھی ہونا اجتماع متناقضین ہے "
محترم قارئین! آپ نے دیکھا کہ امام شاطبی رحمۃ اللہ نے بدعت کے حسنہ ہونے کا کس طرح انکار کیا ہے اوررسولؐ اس کے بارے میں فرماتے ہیں کہ وہ گمراہی ہے اور اس شخص پر کس طرح نکیر فرمائی جس کا یہ گمان ہے کہ بدعت پر پانچوں احکام جاری ہوتے ہیں
یعنی یہ کہ بدعت واجب ہوتی ہے یا مندوب ہوتی ہے،یا مباح ہوتی ہے یا مکروہ ہوتی ہے یا حرام ہوتی ہے، کیونکہ بدعت تو وہ ہے جس پر شریعت یعنی کتاب وسنت اور اجماع وقیاس کی کوئی دلیل نہ ہو، اگر اس پر کوئی دلیل شرعی ہو تو وہ دین وسنت ہو گی نہ کہ بدعت، اس کو خوب سمجھ لو !
اب اگر یہ کہو کہ قرافی جیسے جلیل القدر علماء اس غلطی میں کیسے پڑ گئے اور انہوں نے بدعت میں پانچوں احکام کے جاری ہونے کو کیسے کہ دیا ؟ تو میں جواب میں عرض کروں گا کہ اس کا سبب غفلت ہے اور بدعت کے ساتہ مصالحہ مرسلہ کا اشتباہ اور التباس ہے جسکی تفصیل یہ ہے کہ :
" مصالح مرسلہ "میں "مصالح" مصلحۃ" کی جمع ہے جس کے معنی ہیں وہ چیز جو خیر لائے اور ضرر کو دور کرے اور شریعت میں اس کے ثبوت یا نفی کی کوئی دلیل نہ ہو اور یہی "مرسلہ" کے معنی ہیں کہ شریعت میں اس کے اعتبار کرنے کی یا اس کو لغو اور اس کی نفی کی کوئی قید نہ ہو، اسی لئے بعض علماء نے اس کی تعریف ان الفاظ میں کی ہے کہ " مصالح مرسلہ "ہر وہ منفعت ہے جو شریعت کے مقاصد میں داخل ہو بدون اس کے کہ اس کے اعتبار یا الغاء ( لغو قرار دینے ) کا کوئی شاہد اور دلیل ہو " اور شریعت کے مقاصد میں داخل ہونے کا مطلب یہ ہے کہ شریعت جلب منافع اور دفع ضرر کی بنیاد پر قائم ہے، تو جس چیز سے مسلمان کو خیر پہنچے اور شر دور ہو مسلمان کے لئے اس کا استعمال جائز ہے،بشرطیکہ شریعت نے اس کو کسی ظاہری یا پوشیدہ فساد کی وجہ سے لغو اور باطل قرار نہ دیا ہو" چنانچہ کسی عورت کو یہ حق حاصل نہیں کہ مادی منفعت حاصل کرنے کے لئے زنا کرے اس لئے کہ اس وسیلہ کو جو منفعت کے مثل ہے شارع نے لغو اور باطل کر دیا ہے، اسی طرح مرد کو یہ حق نہیں ہے کہ جھوٹ یا خیانت یا سود کے ذریعہ اپنا کوئی ذاتی مقصد پورا کرے یا دولت حاصل کرے کیونکہ ان مصلحتوں اور منفعتوں کو شریعت نے لغو اور باطل کر دیا ہے اور ان کا اعتبار نہیں کیا ہے کیونکہ یہ شریعت کے پڑے مقاصد یعنی روح اور جسم کی سعادت کے منافی ہیں۔
شارع نے جن چیزوں کا اعتبار کیا ہے اس میں سے بھنگ کی تحریم ہے۔کیونکہ اگرچہ اس کی تحریم کی نص نہیں ہے لیکن وہ تحریم شراب میں داخل ہے،اس لئے یہ نہیں کہا جائے گا کہ بھنگ کی حرمت مصالح مرسلہ میں سے ہے، کیونکہ شارع نے شراب کو حرام کر دیا، کیونکہ اس میں ضرر اور نقصان ہے،اور بھنگ بھی اسی طرح ہے اس لئے وہ شرعی قیاس سے حرام ہے، اس مصلحت کی وجہ سے نہیں کہ اس کی وجہ سے مسلمان سے شر دفع ہو رہا ہے، اور اسی قبیل سے مفتی کا مال دار شخص پر کفارہ میں روزہ کا لازم کرنا ہے، کیونکہ غلام آزاد کرنا،یا کھانا کھلانا اس کے لئے آسان ہے، اس لئے مصلحت شرعیہ کی طرف نظر کرتے ہوئے کہ اس کی بے حرمتی کی مالدار لوگ جرأت نہ کریں، مالداروں پر روزہ ہی لازم کر دیا جائے، تو یہ مصلحت باطل ہے، اس لئے کہ شارع نے اس کے لغو کرنے کا اعتبار کیا ہے اور مصالح مرسلہ وہ ہیں کہ شریعت نے نہ اس کا اعتبار کیا ہو اور نہ اس کو لغو کیا ہو،اور یہاں پر شارع نے اس کو لغو قرار دیا ہے کیونکہ روزہ کی اجازت اسی وقت دی ہے جب عتق یا اطعام سے عاجز ہو، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :﴿المائدة:89﴾ "پس اس کا کفارہ دس مسکینوں کا کھلانا ہے اس درمیانہ درجہ سے جس سے تم اپنے گھر والوں کو کھلاتے ہو، یا ان کو کپڑا دینا ہے، یا گردن (غلام) آزاد کرنا، پس جو نہ پائے تو تین دن کا روزہ رکھنا، یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے جب تم قسم کھا لو "
اور کفارہ یمین ہی کی طرح رمضان کے دن میں جماع کرنے کا کفارہ بھی ہے، لہذا مفتی کو یہ حق نہیں ہے کہ عتق یا اطعام کو چھوڑ کر روزے کا فتویٰ دے،
محترم قارئین کو معلوم ہونا چاہئے کہ مصالح مرسلہ اور وہ چیز جس کا نام بدعت کے جاری کرنے والوں نے بدعت حسنہ رکھا ہے، یہ ضرورت اور حاجیات اورتحسینات میں ہوا کرتی ہے۔
ضروریات سے مراد وہ چیزیں ہیں، جو فرد یا جماعت کی زندگی کے لئے ضروری اور ناگزیر ہیں، اور حاجیات سے مراد وہ چیزیں ہیں جو فرد یا جماعت کی حاجت کی ہوں اگرچہ ان کے لئے ضروری اور ناگزیر نہ ہوں، اورتحسینات سے مراد صرف جمالیات و زینت اورآراستگی کی چیزیں ہیں، نہ وہ ضروری اور ناگزیر ہیں اور نہ ان کی حاجت ہی ہے، مثال کے طور پر عرض ہے،حصر مقصود نہیں کہ جیسے مصحف شریف کی کتابت اور قرآن مجید کے جمع و تدوین کا کام جو حضرت ابو بکر صدیق اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہما کے عہد میں ہوا تو یہ عمل بدعت نہیں ہے ،بلکہ یہ مصالح مرسلہ کے باب سے ہے، کیونکہ کمی اور زیادتی سے قرآن کی حفاظت اور قرآن کی پوری پوری حفاظت مسلمانوں پر واجب ہے، تو جب ان کو قرآن کے ضائع ہو جانے کا خوف اور خدشہ ہو ا تو انھوں نے اس کا وسیلہ اور ذریعہ تلاش کیا جس سے یہ مقصد حاصل ہو تو اللہ تعالیٰ نے ان حضرات کو اس کے جمع و تدوین اوراس کی کتابت کی رہنمائی فرمائی، اس لئے ان حضرات کا یہ عمل مصلحت مرسلہ ہے کیونکہ شریعت میں نہ اس کے اعتبار کی دلیل ہے اور نہ اس کے الغاء کی بلکہ وہ مقاصد عامہ میں سے ہے اب اس کے بعد بھی کیا کوئی یہ کہ سکتا ہے کہ یہ بدعت حسنہ یا بدعت سئیہ ہے، نہیں !بلکہ یہ مصالح مرسلہ ضروریہ میں سے ہے۔
اور مصالح مرسلہ حاجیہ کی مثال :مسجد میں قبلہ کی طرف محراب بنانا ہے۔کیونکہ رسولؐ کے زمانہ میں مسجدوں میں محراب نہیں ہوتے تھے، جب اسلام پھیلا اورمسلمانوں کی کثرت ہو گئی اور آدمی مسجد میں داخل ہونے کے بعد قبلہ کی جہت معلوم کیا کرتا تھا،اور کبھی کوئی شخص نہ ملتا جس سے وہ معلوم کرے تو وہ حیرت میں پڑ جاتا اس لئے ضرورت پیش آئی کہ مسجد میں قبلہ کی طرف محراب بنایا جائے جس سے اجنبی کو قبلہ معلوم ہو جائے،
اور اسی کے مثل نماز جمعہ میں اذانِ اوّل کی زیادتی ہے جو حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے کی کیونکہ جب مدینہ بڑا ہو گیا اوراسلام کا دارالحکومت ہو گیا اوراس کی آبادی اور بازار بہت وسیع ہو گئے تو حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی یہ رائے ہوئی کہ وقت سے پہلے اذان دے دی جائے تاکہ خرید و فروخت کی غفلت میں جو لوگ پڑے ہوئے ہیں وہ با خبر اور متنبہ ہو جائیں، اس کے بعد جب لوگ آ جاتے اور وقت ہو جاتا اور مؤذن اذان دیتا، تو آپ کھڑے ہو کر خطبہ دیتے اور نماز پڑھاتے، اس لئے یہ بدعت نہیں ہے، کیونکہ اذان نماز کے لئے مشروع ہے۔ اور کبھی کبھی فجر کی نماز کے لئے بھی دو اذانیں دی جاتیں، لیکن یہ بھی مصالح مرسلہ میں سے ہے، جس میں مسلمانوں کا نفع ہے، اگر چہ یہ ان کی ضروریات سے نہیں ہے لیکن یہ ان کو فائدہ پہنچاتی ہے کہ نماز جو ان پر واجب ہے اس کے وقت کے قریب ہونے پر تنبیہ کرتی ہے، اور چونکہ شریعت میں مسئلہ محراب یا مسئلہ اذان کے اعتبار یا الغاء کی کوئی دلیل اور شاہد نہیں ہے، اور دونوں مسئلے مقاصد شرع میں داخل ہیں اس لئے یہ کہنا صحیح ہے کہ یہ مصالح مرسلہ میں سے ہیں پہلی تو حاجیات (ضرورتوں ) کے قبیل سے ہے اوردوسری تحسینات کے قبیل سے۔
اور انہی مصالح مرسلہ میں سے جس میں بعض اہل علم غلطی میں پڑ گئے اور انہوں نے کہا کہ یہ بدعت حسنہ ہے اوراس پر بہت سی بدعات ممنوعہ کو قیاس کر لیا، مسجد میں مناروں اور اذان گاہوں کا تعمیر کرنا ہے تاکہ مؤذن کی آواز شہر اور دیہات کے اطراف تک پہنچے، جس سے لوگوں کو وقت کے ہو جانے کا یا وقت قریب ہونے کا علم ہو جائے، اور اذان گاہوں ہی کی طرح امام کا خطبہ اس کی قرأت اور نماز کی تکبیرات سننے کے لئے لاؤڈ اسپیکر لگانا ہے، اوراسی طرح مکاتب میں حفظِ قرآن کے لئے اجتماعی قرأت اور تلاوت ہے۔ یہ ان مصالح مرسلہ میں سے ہے کہ شارع نے جس کے اعتبار کی یا الغاء کی شہادت نہیں دی ہے لیکن یہ مقاصد عامہ کے تحت داخل ہے، اس لئے کسی کو یہ کہنے کا حق نہیں حاصل ہے کہ یہ بدعت حسنہ ہے اور پھر اس پر اس بدعت کو قیاس کرے جس کو رسولؐ نے حرام قرار دیا ہے،آپؐ کا ارشاد ہے (إیاکم ومحدثات الأمور فإن کل محدثۃ بدعۃ وکل بدعۃ ضلالۃ ) " تم (دین میں ) نئی ایجاد کردہ چیزوں سے بچو،اس لئے کہ ہر نئی نکالی ہوئی چیز بدعت ہے اور ہر بدعت گمراہی ہے "۔
قاری محترم! خلاصہ یہ ہے کہ مصالح مرسلہ اور ہیں اور بدعت محدثہ اور، مصالح مرسلہ بالذات مقصود و مطلوب نہیں ہوتیں بلکہ کسی واجب کی حفاظت یا اس کی ادائیگی کے وسیلہ کے طور پر مطلوب ہوتی ہیں یا پھر کسی مفسدہ کو دفع کرنے کے لئے ان کا ارادہ کیا جاتا ہے،لیکن بدعت تو ایک شریعت سازی ہے،جو شریعت الٰہی کے مشابہ ہے اور وہ بالذات مقصود ہوتی ہے، اور وہ جلب منفعت یا دفع مضرت کے لئے وسیلہ نہیں ہوتی، اور وہ تشریع جو مقصود بالذات ہو وہ صرف اللہ تعالیٰ کا حق ہے،کیونکہ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی بھی ایسی عبادت وضع کرنے پر قادر نہیں ہے جو انسانی نفس میں تطہیر و تزکیہ کا عمل کرسکے، انسان کبھی بھی اس کا اہل نہیں ہوسکتا، اس لئے اس کے لئے لازم ہے کہ اپنی حد میں رہے، اور وہی طلب کرے جو اس کے لئے مناسب ہے اور جو چیز اس کے لئے مناسب نہیں ہے اس کو ترک کر دے اس لئے کہ یہی اس کے لئے بہتر اور باعث سلامتی ہے

٭ ٭ ٭

 

محفل مولود اسلام کی نظر میں

لفظ موالد، مولِد کی جمع ہے،اس کے معنی اور مطلب ہر اسلامی ملک میں ایک ہی ہیں،البتہ یہ لفظ خاص "مولد" (مولود) ہر اسلامی ملک میں نہیں بولا جاتا،کیونکہ مغرب اقصی یعنی مراکش کے لوگ اس کو "مواسم " کے نام سے یاد کرتے ہیں،چنانچہ کہا جاتا ہے مولائی ادریس کا موسم، اور مغرب اوسط یعنی جزائر کے لوگ اس کو "زرد" کا نام دیتے ہیں جو "زردہ" کی جمع ہے،چنانچہ کہا جاتا ہے "سیّدی ابو الحسن شاذلی کا زردہ" اور اہل مصر اور شرق اوسط کے لوگ اس کو "مولد" کہتے ہیں،چنانچہ وہ کہتے ہیں "سیّدہ زینب کا مولد" یا "سید بدوی کا مولِد"
اہل مغرب اس کو "مواسم " اس لئے کہتے ہیں کہ وہ لوگ اسے سال میں ایک مرتبہ کرتے ہیں، اور اہل جزائر اس کو "زردہ" اس اعتبار سے کہتے ہیں کہ اس میں وہ کھانے کھائے جاتے ہیں جو ان مذبوح جانوروں سے پکتے ہیں جو وہاں ولی کے نام پر ذبح کئے جاتے ہیں یا اس کے اوپر چڑھائے جاتے ہیں، جیسی بھی اس چڑھاوا چڑھانے والے کی نیت ہوتی ہے، اور بعض لوگ اس کو "حضرۃ" کہتے ہیں یا تو اس وجہ سے کہ وہاں اس ولی کی روح آتی ہے،خواہ توجہ اور برکت ہی کے طور پر یا اس وجہ سے کہ وہاں یہ جشن منانے والے آتے ہیں اور قیام کرتے ہیں، یہ تو وجہ تسمیہ تھی، اب رہے وہ اعمال جو وہاں ہوتے ہیں،تو وہ ہر ملک کے لوگوں کے شعور اور فقر و غناء کے اعتبار سے کیفیت اور کمیت میں مختلف ہیں، لیکن ان میں جو چیز قدر مشترک ہے وہ درج ذیل ہے :
1-جس ولی کے لئے یہ موسم یا زردہ یا مولد یا حضرۃ قائم کیا گیا ہے اس کے لئے نذر و نیاز اور جانور ذبح کرنا۔
2- اجنبی مردوں اور عورتوں کا اختلاط
3-رقص و سرود اور مختلف دف و مزامیر و باجے بجانا۔
4-خرید و فروخت کے لئے بازار لگانا،لیکن یہ مقصود نہیں ہوتا،مگر تاجر لوگ ایسے بڑے بڑے مجمعوں میں نفع اندوزی کرتے ہیں اور وہاں اپنا سامان تجارت لے جاتے ہیں جب سامان سامنے آتا ہے اور لوگ اس کو طلب کرتے ہیں تو اس طرح بازار قائم ہی ہو جاتا ہے،مثال کے لئے منیٰ اور عرفات کے بازار کا فی ہیں۔
5-ولی یا سیّد سے فریاد طلب کرنا اور ان سے استغاثہ کرنا اور شفاعت اور مدد طلب کرنا اور اپنی ہر وہ حاجت اور مرغوب چیز مانگنا جس کا حصول دشوار ہو حالانکہ یہ شرک اکبر ہے والعیاذ باللہ۔
6-کبھی کبھی فسق و فجور اور شراب نوشی وغیرہ بھی ہو جاتی ہے لیکن یہ ہر ملک اور ہر مولد میں نہیں ہوتا۔
7- حکومتیں ان مواسم کو قائم کرنے کے لئے سہولتیں فراہم کرتی ہیں، اور کبھی کبھی مال یا گوشت یا کھانا وغیرہ دے کر بھی اس میں حصہ لیتی ہیں، حتیٰ کہ فرانس بھی مغرب کے تینوں ملکوں میں اس سلسلے میں تعاون کیا کرتا تھا،یہاں تک کہ ٹرین کے کرایہ میں تخفیف کر دی جاتی تھی، اور مجھے معلوم ہوا ہے کہ حکومتِ مصر بھی اسی طرح کرتی ہے، اور عجیب ترین بات اس سلسلہ میں جو ہم نے سنی ہے وہ یہ ہے کہ جنوبی یمن کی حکومت جو کہ خالِص کمیونسٹ نظریہ کی ہے وہ بھی ان موالد کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، اگر چہ یہ حوصلہ افزائی خاموشی اختیار کر کے ہو،مجھے یہ بات خود جنوبی یمن کے لوگوں نے بتائی،حالانکہ یہی وہ حکومت ہے جس نے تمام اسلامی عقائد،عبادات اور احکام کا انکار کر دیا،اور یہ اس بات کی بہت بڑی دلیل ہے کہ یہ عرس میلا د صرف اسلام کو نقصان پہنچانے ہی کے لئے اوراس کا خاتمہ ہی کرنے کے لئے ایجاد کئے گئے ہیں،اور اسی سبب ان موالدومواسم اور زردہ و حضرۃ کا حکم اسلام میں بالکل اور قطعی ممانعت اور حرمت ہے، اور یہ اس لئے کہ یہ بدعات عقیدہ اسلامیہ کو پامال کرنے اور مسلمانوں کے حالات کو تباہ کرنے کی بنیاد پر قائم ہیں، جس کی دلیل یہ ہے کہ اہل باطل ان بدعات کی نصرت اور تعاون کرتے ہیں اوراس کے ساتھ پوری ہمنوائی کرتے ہیں، اور اگر اس میں کوئی ایسی چیز ہوتی جو روح اسلامی کو بیدار کرتی ہو یا مسلمانوں کے ضمیر کو حرکت میں لاتی ہو تو تم ان باطل حکومتوں کو دیکھتے کہ وہ ان سے جنگ اور ان کے خاتمہ کے درپے ہو جاتیں۔
کیا غیر اللہ سے دعا کرنا اور غیراللہ کے نام پر ذبح کرنا اور ان کے لئے نذر و نیاز ماننا شرک کے سوا کچھ اور ہے جو باطل اور حرام ہے، اور ان عرس و میلاد کی محفلوں کی ساری بنیاد ہی اس پر قائم ہے اور کیا رقص وسرود اور عورتوں مردوں کا اختلاط فسق و فجور اور حرام کے سوا اور کچھ ہے ؟ یہ عرس و میلاد اورمواسم جب ان چیزوں سے خالی نہیں تو بھلا یہ حرام کیسے نہ ہو ں گے، اور کیا ان عرس و موالد کو رسولؐ اور آپ کے صحابہ اور صحابہ کے تابعین بھی جانتے تھے ؟جواب یہی ہے کہ نہیں نہیں !تو پھر جو چیزرسولؐ اور آپ کے اصحاب کے زمانہ میں دین نہ رہی ہو کیا وہ اب دین ہو جائے گی ؟ اور جو چیز دین نہ ہو گی تو وہ بدعت ہو گی اور ہر بدعت گمراہی ہے اور ہر گمراہی دوزخ میں لے جانے والی ہے، امام مالک رحمۃ اللہ علیہ سے اس گانے کے بارے میں دریافت کیا گیا جس کی بعض اہل مدینہ رخصت دیا کرتے تھے، تو آپ نے پوچھنے والے سے کہا کہ کیا گانا حق ہے ؟۔تو اس نے کہا نہیں، تو آپ نے فرمایا حق کے بعد گمراہی کے سوا کچھ بھی نہیں، پس یہ موالد ومواسم بشمول ان چیزوں کے جوان میں حق ہے، اور جو حق نہیں ہے،باطل ہی ہیں، کیونکہ حق کے بعد گمراہی کے سوا کچھ بھی نہیں۔
اور اب مولود نبوی شریف سے وہ اجتماعات مراد ہیں جو مسجدوں میں اور مالدار مسلمانوں کے گھروں میں ہوتے ہیں، جو اکثر پہلی ربیع الأول سے بارہ ربیع الأول تک ہوتے ہیں،جن میں سیرت نبویہ کا کچھ حصہ پڑھا جاتا ہے،مثلاً نسب پاک،قصہ ولادت اور حضورؐ کے بعض جسمانی اور اخلاقی شمائل اور خصوصیات اورساتھ ہی بارہ ربیع الأول کو عید کا دن مناتے ہیں، جس میں اہل و عیال پر خرچ کرنے پر وسعت کرتے ہیں اورمدارس و مکاتب بند کر دئے جاتے ہیں اور بچے اس دن طرح طرح کے کھیل کود کھیلتے ہیں، یہ مولود وہ ہے جو ہم بلاد مغرب میں جانتے تھے،لیکن جب ہم بلا د مشرق میں آئے تو ہم نے دیکھا کہ یہاں مولد سے مراد وہ اجتماعات ہیں جو مالداروں اور خوشحال لوگوں کے گھروں میں مولود نبوی شریف کی یادگار کے طور پر منعقد ہوتے ہیں، اور وہ ان کے یہاں ماہ ربیع الأول اور بارہ ربیع الأول کے ساتھ مخصوص نہیں ہے،بلکہ موت و حیات یا کسی بھی نئی بات کے موقع پر یہ محفل قائم کر لیتے ہیں۔
اس کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ جانور ذبح کئے جاتے ہیں کھانا تیار ہوتا ہے دوست و احباب و رشتہ دار اور تھوڑے سے فقیر و محتاج لوگ بھی بلا لئے جاتے ہیں، پھر سب لوگ سننے کے لئے بیٹھتے ہیں، ایک خوش آواز نوجوان آگے بڑھتا ہے، اور اشعار پڑھتا ہے اور مدحیہ قصیدے ترنم کے ساتھ پڑھتا ہے، اورسننے والے بھی اس کے ساتھ صلوات پڑھتے ہیں اس کے بعد ولادت مبارکہ کا قصہ پڑھتا ہے، اور جب یہاں پہنچتا ہے کہ حضرت آمنہ کے شکم مبارک سے آپ مختون پیدا ہوئے،تو سب لوگ تعظیم کے لئے کھڑے ہو جاتے ہیں اور کچھ دیررسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حضرت آمنہ کے شکم مبارک سے پیدائش کا تخیل باندھ کر تعظیم و ادب کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں، پھر دھونی اور خوشبو لائی جاتی ہے، اور سب لوگ خوشبو لگاتے ہیں، اس کے بعد حلال مشروب کے پیالے آتے ہیں، اور سب لوگ پیتے ہیں پھر کھانے کی قابیں پیش کی جاتی ہیں، اس کو لوگ کھا کر اس اعتقاد کے ساتھ واپس ہوتے ہیں کہ انہوں نے بارگاہ الٰہی میں بہت بڑی قربت پیش کر کے اللہ کا تقرب حاصل کر لیا ہے۔
یہاں اس بات پر متنبہ کر دینا ضروری ہے کہ اکثر قصیدے اور مدحیہ اشعار جو ان محفلوں میں ترنم کے ساتھ پڑھے جاتے ہیں وہ شرک اور غلو سے نہیں خالی ہوتے،جس سے رسولؐ نے منع فرمایا ہے جیسا کہ آپ کا فرمان ہے (لاتطرونی کما أطرت النصاری عیسیٰ ابن مریم وإنما أنا عبداللہ ورسولہ،فقولو ا عبداللہ ورسولہ )(بخاری ومسلم)
"تم مجھے حد سے نہ بڑھانا،جس طرح نصاریٰ نے عیسیٰ بن مریم کو حد سے بڑھایا، میں اللہ کا بندہ اور رسول ہوں، پس اللہ کا بندہ اوراس کا رسول کہو" اسی طرح یہ محفلیں ایسی دعاؤں پر ختم ہوتی ہیں جس میں توسل کے غیر شرعی الفاظ اور شرکیہ حرام کلمات ہوتے ہیں، کیونکہ اکثر حاضرین عوام ہوتے ہیں،یا اس باطل کی محبت میں غلو کرنے والے ہوتے ہیں جن سے علماء نے منع فرمایا ہے،جیسے بجاہ فلاں اور بحق فلاں کہ کر دعا کرنا والعیاذباللہ تعالیٰ،واللہم صل علی محمد وآلہ وصحیہ وسلم تسلیما کثیرا۔
یہ ہے وہ مولد جو اپنے ایجاد کے زمانہ یعنی ملک مظفر کے عہد625ھ سے آج تک چلی آ رہی ہے۔
اب رہا شریعت اسلامیہ میں اس کے حکم کا سوال تو اس کا فیصلہ ہم قاری کے لئے چھوڑ دیتے ہیں،کیونکہ جب اس بحث سے یہ معلوم ہو گیا کہ میلاد ساتویں صدی کی پیداوار ہے، اور ہر وہ چیز جورسو ل صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام کے عہد میں دینی حیثیت سے نہ رہی ہو، وہ بعد والوں کے لئے بھی دینی حیثیت اختیار نہ کرے گی، اور جو مولود آج لوگوں کے درمیان رائج ہے، یہ رسولؐ اور آپ کے صحابہ کے عہد میں اور قرون مشہود لہا بالخیر میں اورساتوں صدی کی ابتداء تک جو کہ فتنوں اور آزمائشوں کی صدی تھی نہیں موجود تھا، پھر بھلا یہ کیسے ہوسکتا ہے ؟ بلکہ یہ بدعت اور گمراہی ہے کیونکہ رسولؐ کا ارشاد گرامی ہے (إیا کم ومحدثات الأمورفإن کل محدثۃ بدعۃ و کل بدعۃ ضلالہ ) (رواہ اصحاب السنن) "کہ تم (دین میں ) ہر نئی ایجاد کردہ چیز سے بچو کیوں کہ ہر بدعت گمراہی ہے "
حکم شرع کی مزید وضاحت کے لئے ہم کہتے ہیں کہ جب رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ہم کو دین میں نکالی ہو ئی نئی باتوں سے پرہیز کا حکم دیا ہے اور یہ بتایا ہے کہ ہر ایسی نئی چیز بدعت ہے اور ہر بدعت گمراہی ہے، اور امام مالک رحمۃ اللہ نے اپنے شاگرد امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ ( اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ انہوں نے ابن ماجشون رحمۃ اللہ سے فرمایا ) سے فرمایا کہ :" کہ ہر وہ چیز جو رسولؐ اور آپ کے اصحاب کے زمانہ میں دین نہیں تھی، وہ آج بھی دین نہیں بنے گی " اور فرمایا کہ: "جس نے اسلام کے اندر کوئی بدعت نکالی اوراس کو اچھا سمجھا تو اس نے یہ گمان کیا کہ محمدؐ نے رسالت کے پہنچانے میں خیانت کی ہے کیونکہ اللہ کا ارشاد ہے (المائدۃ :3) " آج کے دن تمہارے لئے،تمہارے دین کو میں نے کامل کر دیا، اور میں نے تم پر اپنا انعام تمام کر دیا اور میں نے اسلام کو تمہارے لئے بطور دین پسند کر لیا "
اور امام شافعی رحمۃ اللہ نے فرمایا کہ " ہر وہ چیز جو کتاب وسنت اور اجماع کے خلاف کی جائے تو وہ بدعت ہے " تو کیا مروجہ میلاد نبوی بدعت نہ ہو گا، جب کہ وہ رسولؐ اور خلفائے راشدین کی سنت نہ تھی، اور نہ سلف صالح کا عمل تھا، بلکہ تاریخ اسلام کے تاریک دور میں اس کی ایجاد ہوئی، جب کہ فتنے پیدا ہو چکے تھے، اورمسلمانوں میں اختلاف پھوٹ چکا تھا، پھر اگر ہم یہ تسلیم ہی کر لیں کہ میلاد قربت کی چیز ہے بایں معنی کہ وہ عبادت شرعیہ ہے جس سے آدمی اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرتا ہے تاکہ اللہ تعالیٰ اس کو اپنے عذاب سے نجات دے کر جنت میں داخل کر دے تو ہم یہ کہتے ہیں کہ اس عبادت کو مشروع کس نے کیا، اللہ تعالیٰ نے یا اس کے رسولؐ نے ؟ جواب یہ ہے کہ کسی نے نہیں، پھر یہ عبادت کس طرح ہوسکتی ہے جب کہ اللہ اور اس کے رسول نے اس کو مشروع نہیں کیا، یہ محال ہے، دوسرے یہ کہ عبادت کے لئے چار حیثیتیں ضروری ہیں یعنی کمیت و مقدار،کیفیت اور زمان و مکان، اور کون ان حیثیات کو ایجاد اور ان کی حدبندی کرسکتا ہے ؟ کوئی نہیں، اور جب یہ ہے تو پھر میلاد کسی بھی صورت نہ قربت ہے نہ عبادت، اور جب یہ نہ قربت ہے اور نہ عبادت تو پھر بدعت کے سوا اور کیا ہوسکتا ہے؟؟

٭ ٭ ٭

 

میلاد نبوی اسلام کی نظر میں

میلاد کی تعریف

عربی زبان میں میلاد نبوی شریف اس جگہ یا اس زمانہ کو کہتے ہیں جس میں خاتم الأنبیاء،امام المرسلین، حضرت محمدؐ پیدا ہوئے پس آپ کی جائے پیدائش (فداہ ابی وامی ) ابو یوسف کا وہ گھر ہے جہاں پر آج مکہ مکرمہ میں پبلک لائبریری بن گئی ہے، اور آپ کا زمانہ پیدائش،مشہور ترین اور صحیح ترین روایت کی بناء پر 12ربیع الأول عام الفیل مطابق اگست 570 ء ہے۔
لغت کے لحاظ سے لفظ "مولد شریف" کا یہی مطلب ہے اور یہی معنی ہے جس کو مسلمان نزول وحی کے زمانہ سے لے کر سوا چہ صدی تک،یعنی ساتویں صدی کی ابتداء تک جانتے رہے پھر خلافت راشدہ اسلامیہ کے سقوط اور ممالک اسلامیہ کی تقسیم کے بعد اور عقائد وسلوک میں ضعف اور انحراف اور حکومت و انتظامیہ میں فساد کے ظہور کے بعد مولود شریف کی یہ بدعت ضعف و انحراف کا ایک مظہر بن کر ظاہر ہوئی، اس بدعت کو سب سے پہلے ملک شام کے علاقہ اربل (صحیح یہ ہے کہ اربل موصل کا علاقہ ہے ) کے بادشاہ ملک مظفر نے ایجاد کیا، غفر اللہ لنا ولہ، اور مولد کے موضوع پر سب سے پہلی تالیف ابو الخطاب بن دحیہ کی ہے، جس کا نام "التنویر فی مولد البشیرالنذیر" ہے جس کو انہوں نے ملک مظفر کے سامنے پیش کیا اوراس نے انہیں ایک ہزار اشرفیاں انعام دیں۔
اس سلسلہ میں ایک لطیفہ یہ ہے کہ امام سیوطی نے اپنی کتاب "حاوی " میں ذکر کیا ہے کہ ملک مظفر جو اس بدعت مولود کا موجد ہے، اس نے اسی طرح کی محفل مولود کے ایک موقع پر دسترخوان لگوایا، جس پر پانچ ہزار بھُنی ہوئی بکریاں اوردس ہزار مرغیاں اورسوگھوڑے اور ایک لاکھ مکھن اور حلوہ کی تیس ہزار پلیٹیں تھیں، اور صوفیاء کے لئے محفل سماع قائم کی جو ظہرسے لے کر فجر کے وقت تک جاری رہی اوراس میں رقص کرنے والوں کے ساتھ وہ خود بھی رقص کرتا رہا، بھلا وہ امت کیسے زندہ رہ سکتی ہے جس کے سلاطین درویش ہوں،اوراس طرح کی غلط محفلوں میں ناچتے ہوں، إناللہ وانا إلیہ راجعون۔
اگر یہ کہا جائے کہ اگر یہ میلاد بدعت ہے تو کیا اس کے کرنے والے کو ان نیک اعمال کا بھی ثواب نہ ملے گا جو اس کے اندر ہوتے ہیں یعنی ذکر و دعا اور کھانا کھلانے کا ؟
ہم عرض کریں گے کہ کیا نا وقت نماز پڑھنے پر ثواب ملے گا ؟ کیا بے موقع صدقہ کرنے میں ثواب ملے گا ؟ کیا نا وقت حج کرنے میں ثواب ملے گا ؟ کیا غیر کعبہ کے طواف میں ثواب ملے گا؟ کیا غیر صفا اور مروہ کے درمیان سعی کرنے میں ثواب ملے گا ؟ اگر ان سب کا جواب نفی میں ہے تو ان نیک اعمال کے متعلق بھی جو محفل میلاد کے ساتھ کئے جاتے ہیں یہی جواب ہو گا کیونکہ ان کے ساتھ بدعت لگی ہوئی ہے۔
اس لئے کہ اگر وہ صحیح ہو جائے اور مقبول ہو جائے تو پھر احداث فی الدین ممکن ہو جائے گا، حالانکہ یہ رسولؐ کے اس ارشاد گرامی سے مردود ہے، آپ نے فرمایا " جسنے ہمارے اس امر (دین) میں کوئی نئی بات نکالی جو اس میں سے نہیں ہے تو وہ مردود ہے "۔
 

محفل میلاد کے ثابت کرنے کے لئے جو دلیلیں بیان کی جاتی ہیں وہ غیر کافی ہیں

میلاد منعقد کرنے والے جو پانچ دلیلیں دیتے ہیں، ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس میں شریعت کو چھوڑ کر اتباع نفس کارفرما ہے،دلیلیں درج ذیل ہیں :-
1- سالانہ یاد گار ہونا، جس میں مسلمان اپنے نبیؐ کی یادگار مناتے ہیں، جس سے نبی کریمؐ کے ساتھ ان کی عظمت اور محبت میں اضافہ ہوتا ہے
2-بعض شمائل محمدیہ کا سننا اورنسب نبوی شریف کی معرفت حاصل کرنا۔
3-رسولؐ کی پیدائش پر اظہار خوشی،کیونکہ یہ محبت رسول اور کمال ایمان کی دلیل ہے۔
4-کھانا کھلانا اوراس کا حکم ہے اور اس میں بڑا ثواب ہے خصوصاً جب اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کی نیت سے ہو۔
5- اللہ تعالیٰ کا ذکر یعنی قرأت قرآن اور نبی کریمؐ پر درود شریف کے لئے جمع ہونا۔
یہ وہ پانچ دلیلیں ہیں، جنہیں میلاد کو جائز کہنے والے بعض حضرات پیش کرتے ہیں، اورجیسا کہ آپ دیکھ رہے ہیں یہ دلیلیں بالکل ناکافی ہیں اور باطل بھی ہیں، کیونکہ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ شارع علیہ الصلوٰۃ والسلام سے کوئی چوک ہو گئی تھی جس کی تلافی اس طرح کی گئی ہے کہ ان چیزوں کو ان لوگوں نے مشروع کر دیا، جن کو شارع علیہ الصلوٰۃ والسلام نے باوجود ضرورت کے مشروع نہیں کیا تھا، اور اب قاری کے سامنے یکے بعد دیگرے ان دلیلوں کا بطلان پیش ہے۔
1- پہلی دلیل، اس وقت دلیل بن سکتی ہے، جبکہ مسلمان ایسا ہو کہ وہ نبی اکرمؐ کا ذکر دن بھرمیں دسیوں مرتبہ نہ کیا کرتا ہو تو اس کے لئے سالانہ یا ماہانہ یادگاری محفلیں قائم کی جائیں، جس میں وہ اپنے نبی کا ذکر کرے تاکہ اس کے ایمان و محبت میں زیادتی ہو، لیکن مسلمان تو رات اور دن میں جو نماز بھی پڑھتا ہے اس میں اپنے رسول کا ذکر کرتا ہے، اور ان پر درود وسلام بھیجتا ہے اور جب بھی کسی نماز کا وقت ہوتا ہے، اور جب بھی نماز کے لئے اقامت کہی جاتی ہے تو اس میں رسولؐ کا ذکر اور آپ پر درود سلام ہوتا ہے، بھول جانے کے اندیشہ سے تو اس کی یاد گار قائم کی جاتی ہے جسکا ذکر ہی نہ ہوتا ہو، لیکن جس کا ذکر ہی ذکر ہوتا ہو جو بھلایا نہ جاسکتا ہو، بھلا اس کے نہ بھولنے کے لئے کس طرح کی محفل منعقد کی جائے گی، کیا یہ تحصیل حاصل نہیں ہے،حالانکہ تحصیل حاصل لغو اور عبث ہے، جس سے اہل عقل دور رہتے ہیں۔
2- نبی کریمؐ کے بعض خصائل طیبہ اورنسب شریف کا سننا،
یہ دلیل بھی محفل میلاد قائم کرنے کے لئے کافی نہیں ہے، کیونکہ آپکے خصائل اورنسب شریف کی معرفت کے لئے سال بھر میں ایک دفع سُن لینا کا فی نہیں ہے، ایک دفع سننا کیسے کافی ہوسکتا ہے جب کہ وہ عقیدہ اسلامیہ کا جزء ہے ؟
ہرمسلمان مرد اور عورت پر واجب ہے کہ اپنے نبیؐ کے نسب پاک اور ان کی صفات کو اس طرح جانے جس طرح اللہ تعالیٰ کو اس کے ناموں اور صفتوں کے ساتھ جانتا ہے اور یہ وہ چیز ہے کہ جس کی تعلیم انتہائی ضروری اور نا گزیر ہے، اس کے لئے سال میں ایک مرتبہ محض واقعہ پیدائش کا سن لینا کافی نہیں ہے۔
3- تیسری دلیل بھی بالکل واہی تباہی دلیل ہے،کیونکہ خوشی رسولؐ کی ہے یا اس دن کی ہے جس میں آپ کی پیدائش ہوئی، اگر خوشی رسولؐ کی ہے تو ہمیشہ جب بھی رسولؐ کا ذکر آئے خوشی ہونی چاہئے، اورکسی وقت کے ساتھ خاص نہیں ہونا چاہئے، اور اگر خوشی اس دن کی ہے جس دن آپ پیدا ہوئے تو یہی وہ دن بھی ہے جس میں آپ کی وفات ہوئی، اور میں نہیں سمجھتا کہ کوئی بھی ایسا عقلمند شخص ہو گا جو اس دن مسرّت اور خوشی کا جشن منائے گا جس دن اس کے محبوب کی موت واقع ہوئی ہو حالانکہ رسولؐ کی وفات سب سے بڑی مصیبت ہے جس سے مسلمان دوچار ہوئے حتی کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علہیم اجمعین کہا کرتے تھے کہ !جس پر کوئی مصیبت آئے تو اس کو چاہئے کہ اس مصیبت کو یاد کر لے جو رسولؐ کی وفات سے پہنچی ہے، نیز انسانی فطرت اس کی متقاضی ہے کہ انسان بچہ کی پیدائش کے دن خوشی مناتا ہے اوراس کی موت کے دن غمگین ہوتا ہے،لیکن تعجب ہے کہ کس دھوکہ میں یہ انسان فطرت کو بدلنے کے لئے کوشاں ہے۔
4-چوتھی دلیل یعنی کھانا کھلانا، یہ پچھلی سب دلیلوں سے زیادہ کمزور ہے، کیونکہ کھانا کھلانے کی ترغیب اس وقت دی گئی جب اس کی ضرورت ہو، مسلمان مہمان کی مہمان نوازی کرتا ہے، بھوکے کو کھانا کھلاتا ہے اور صدقہ و خیرات کرتا ہے اور یہ پورے سال ہوتا ہے، اس کے لئے سال میں کسی خاص دن کی ضرورت نہیں ہے کہ اسی دن کھانا کھلائے، اس بناء پر یہ ایسی علت نہیں ہے کہ جس کی وجہ سے کسی بھی حال میں کسی بدعت کا ایجاد کرنا لازم ہو۔
5- پانچویں دلیل یعنی ذکر کے لئے جمع ہونا، یہ علت بھی فاسد اور باطل ہے، کیونکہ بیک آواز ذکر کے لئے اجتماع سلف کے یہاں معروف نہیں تھا۔ اس لئے یہ اجتماع فی نفسہ ایک قابل نکیر بدعت ہے اور طرب انگیز آواز سے مدحیہ اشعار اور قصائد پڑھنا تو اور بھی بدترین بدعت ہے، جسے وہی لوگ کرتے ہیں جنہیں اپنے دین پر اطمینان نہیں ہوتا، حالانکہ ساری دنیا کے مسلمان رات اور دن میں پانچ مرتبہ مسجدوں میں اور علم کے حلقوں میں علم و معرفت کی طلب کے لئے جمع ہوتے ہیں، اس لئے ان کو ایسے سالانہ جلسوں اور محفلوں کی ضرورت نہیں ہے جن میں اکثر حظوظ نفسانیہ یعنی طرب انگیز اشعار کے سننے اور کھانے پینے کا جذبہ کار فرما ہوتا ہے۔

محفل میلاد کو جائز کہنے والوں کے چند کمزور شبہات

برادران اسلام! پ کو معلوم ہونا چاہئے کہ جب ساتویں صدی کے آغاز میں میلاد کی بدعت ایجاد ہوئی،اور لوگوں کے درمیان پھیل گئی، کیونکہ اس وقت مسلمانوں کے اندر روحانی اورجسمانی خلاء پیدا ہو گیا تھا، اس لئے کہ انہوں نے جہاد کو ترک کر دیا تھا، اور فتنوں کی اس آگ کے بجھانے میں مشغول ہو گئے تھے جو اسلام کے دشمن یہودیوں،عیسائیوں اورمجوسیوں نے بھڑ کا رکھا تھا، اور یہ بدعت نفوس میں جڑ پکڑ گئی، اور بہت سے جاہلوں کے عقیدہ کا جزء بن گئی، جس کی وجہ سے بعض اہل علم مثلاً سیوطی رحمۃ اللہ نے اس کے سوا اور کوئی چارہ کار نہ دیکھا کہ ایسے شبہات تلاش کر کے اس کے لئے جواز نکالا جائے،جن سے اس بدعت مولود کے جواز پر استدلال کیا جاسکے، اور یہ اس لئے تاکہ عوام الناس اور بلکہ خواص بھی راضی ہو جائیں، اوردوسری طرف علماء کا اس سے رضامند ہونے اوراس پر حکام و عوام کے ڈرسے خاموش رہنے کا جواز نکل آئے۔
اب ہم یہاں ان شبہات کو بیان کرتے ہیں اورساتھ ہی ان کا ضعف و بطلان بھی،تاکہ اس مسئلہ میں مزید بصیرت حاصل ہو، جس پر بحث کرنے اوراس میں حق کی وضاحت کرنے کے لئے ہم مجبور ہوئے ہیں، ان شبہات کا مدار ایک تاریخی نقل اور تین احادیث نبویہ پر ہے، ان شبہات کے ابھارنے والے اور اجاگر کرنے والے سیوطی غفراللہ لنا ولہ ہیں، حالانکہ وہ اس طرح کی چیزوں سے مستغنی ہو سکتے تھے، وہ دسویں صدی کے علماء میں سے ہیں جو فتنوں اور آزمائشوں کا زمانہ تھا، تعجب یہ ہے کہ ان شبہات پر وہ مسرور ہیں، اور ان پر فخر کرتے ہیں، کہتے ہیں کہ !مجھے شریعت میں میلاد کی اصل مل گئی ہے اور میں نے اس کی تخریج کر لی ہے (الحاوی فی الفتاوی للسیوطی ) لیکن سیوطی سے اس طرح کی باتوں کا کچھ تعجب نہیں، جب کہ ان کے متعلق کہا گیا ہے وہ " حاطب لیل " (رات کے اندھیروں میں لکڑی جمع کرنے والے کی طرح ہیں ) یعنی صحیح و ضعیف سب کو جمع کرنے والے تھے۔۔
پہلا شبہ : تاریخ میں ایک واقعہ ( اور فتح الباری میں تفصیل سے ہے ) منقول ہے کہ بدنصیب ابو لہب کو خواب میں دیکھا گیا،خیریت پوچھی گئی،تو کہا کہ آگ کے عذاب میں مبتلا ہوں، البتہ ہر دو شنبہ کی رات کو عذاب میں تخفیف کر دی جاتی ہے اور اپنی دو انگلیوں کے درمیان سے انگلی کے سرے کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ اتنی مقدار میں پانی چوس لیتا ہے اوراس کی وجہ یہ ہے کہ جب اس کی باندی ثویبہ نے ان کو اس کے بھائی عبد اللہ بن عبد المطلب کے گھر حضرت محمدؐ کی پیدائش کی خبر دی، جس نے آپ کو دودھ بھی پلایا تو اس نے ان کو آزاد کر دیا،یہ شبہ بچند وجوہ مردود اور باطل ہے :
1-اہل اسلام کا اس بات پر اتفاق ہے کہ شریعت کسی کے خواب سے نہیں ثابت ہوتی، خواہ خواب دیکھنے والا اپنے ایمان و علم و تقویٰ میں کیسے ہی درجہ کا ہو مگر یہ کہ اللہ کا نبی ہو اس لئے کہ انبیاء کا خواب وحی ہے اور وحی حق ہے۔
2- اس خواب کے دیکھنے والے نے بالواسطہ روایت کیا ہے، اس لئے یہ حدیث مرسل ہے اور حدیث مرسل نا قابل استدلال ہے، اور نہ ہی اس سے کسی عقیدہ اور عبادت کا ثبوت ہوتا ہے، ساتہ ہی یہ بھی احتمال ہے کہ حضرت عباس نے یہ خواب اسلام لانے سے پہلے دیکھا ہو، اور کافر کا خواب بحالت کفر بالاجماع قابل استدلال نہیں۔
3- سلف و خلف میں سے اکثر اہل علم کا مذہب یہ ہے کہ کافر اگر کفر ہی کی حالت میں مر جائے تو اس کو اس کے نیک اعمال کا ثواب نہ ملے گا، اور یہی حق بھی ہے،کیونکہ اللہ کا ارشاد ہے :﴿ {وَقَدِمْنَا إِلیٰ مَا عَمِلُوا مِنْ عَمَلٍ فَجَعَلْنَاہ ہبَاء مَّنثُورًا﴾ (23) سورة الفرقان]

"اور ہم نے توجہ کی ان اعمال کی طرف جو انہوں نے کئے، پس ہم نے اس کو منتشر غبار بنا دیا " نیز اللہ کا ارشاد ہے ﴿أُولَئِک الَّذِینَ کفَرُوا بِآیاتِ رَبِّہمْ وَلِقَائِہ فَحَبِطَتْ أَعْمَالُہمْ فَلَا نُقِیمُ لَہمْ یوْمَ الْقِیامَة وَزْنًا﴾ (105) سورة الکہف]

"یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے رب کی آیتوں کا، اور اس کے سامنے حاضری کا انکار کیا، پس ان کے اعمال غارت ہو گئے،پس ہم قیامت کے دن ان کا کوئی وزن نہ قائم کریں گے "
اور جب عائشہ رضی اللہ عنہا نے رسولؐ سے عبد اللہ بن جدعان کے بارے میں جو ہرسال موسِِم حج میں ایک ہزار اونٹ ذبح کیا کرتا تھا اور ایک ہزار جوڑے پہناتا تھا، اورجس نے حلف الفضول کے لئے اپنے گھر دعوت دی تھی،سوال کیا کہ اے اللہ کے رسول !کیا یہ اعمال اس کو نفع دیں گے ؟ تو آپ نے فرمایا کہ "نہیں "،اس لئے کہ اسنے کسی دن بھی یہ نہ کہا کہ اے میرے پروردگار !قیامت کے دن میری خطا معاف کر دے "۔ اس جواب سے اس خواب کی عدم صحت یقینی طور پر ثابت ہو گئی اور اب یہ خواب نہ دلیل بن سکتا ہے اور نہ اشتباہ کی چیز -
4- ابو لہب نے اپنے بھتیجے کی ولادت پر جو خوشی منائی وہ ایک طبعی خوشی تھی، تعبدی خوشی نہ تھی، کیونکہ ہر انسان اپنے یا اپنے بھائی یا اپنے رشتہ دار کے یہاں ولادت ہونے سے خوش ہوتا ہے، اور خوشی اگر اللہ کے لئے نہ ہو تو اس پر ثواب نہیں ملتا، یہ چیز اس روایت کو ضعیف اور باطل قرار دیتی ہے، لیکن اپنے نبی سے مومن کی خوشی ایک ایسی حقیقت ہے جو اس کے ساتہ قائم ہے، اور اس سے کبھی جدا نہیں ہوتی،کیونکہ وہ اس کی محبت کا لازمہ ہے، اور جب یہ ہے تو ہم اس کے لئے سالانہ یادگار کیوں منائیں گے کہ اس کے ذریعہ ہم اس کے اندر محبت پیدا کریں، لاریب یہ باطل معنی ہے اور بالکل بے وزن بے حیثیت شبہ ہے اس سے کوئی ایسا حکم شرعی کیسے ثابت ہوسکتا ہے، جسکو اللہ تعالیٰ نے کسی عجزونسیان کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے مؤمن بندوں پر فضل و رحمت کی وجہ سے مشروع نہیں فرمایا، فلہ الحمد والمنۃ۔
دوسرا شبہ : روایت ہے کہ امت کے لئے عقیقہ کی مشروعیت کے بعد نبی کریمؐ نے اپنا عقیقہ فرمایا چونکہ آپکے دادا عبد المطلب نے آپ کا عقیقہ کیا تھا،اور عقیقہ دو بار نہیں کیا جاتا،اس لئے یہ اس کی دلیل ہے کہ آپ نے اپنی ولادت کے ادائے شکر کے لئے یہ کیا، کیا اس صورت میں اس کو بدعت مولود کی اصل بنایا جاسکتا ہے ؟ یہ اشتباہ تو پہلے اشتباہ سے بھی زیادہ کمزور،بے قیمت اور بے وزن ہے، کیونکہ یہ محض اس احتمال پر مبنی ہے کہ نبی کریمؐ اپنی پیدائش کی نعمت کے شکریہ میں عقیقہ فرمایا،لیکن یہ احتمال ظن سے بھی زیادہ گیا گزرا ہے، اور ظن سے احکام شرائع کا ثبوت نہیں ہوتا، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے (إنَّ بعضَ الظنِّ إثم ٌ) الحجرات 12]
"بے شک بعض گمان گناہ ہوتے ہیں "
اور رسولؐ فرماتے ہیں (إیاکم والظن فإن الظن أکذب الحدیث) بخاری ومسلم " "بدگمانی سے بچو،اس لئے کہ بدگمانی سب سے جھوٹی بات ہے "
دوسری بات یہ کہ کیا یہ ثابت ہے کہ اہل جاہلیت کے یہاں عقیقہ مشروع تھا، اور وہ عقیقہ کیا کرتے تھے، تاکہ ہم یہ کہ سکیں کہ عبد المطلب نے اپنے پوتے کا عقیقہ کیا، اور کیا اسلام میں اعمال اہلِ جاہلیت کا کچھ شمار و اعتبار ہے کہ اس کی بنیاد پر ہم یہ کہیں کہ نبی کریمؐ نے اپنا عقیقہ ادائے شکر کے لئے کیا تھا، سنت عقیقہ کی ادائیگی کے لئے نہیں کیا تھا، کیونکہ یہ عقیقہ تو پہلے ہو چکا تھا ؟ ؟ سبحان اللہ ! کس قدر عجیب و غریب استدلال ہے !! اور اگر یہ ثابت ہو جائے کہ نبی کریمؐ نے اپنے وجود پیدائِش کی نعمت کے شکریہ میں بکری ذبح کی تو کیا اس سے لازم آتا ہے کہ آپ کے یوم ولادت کو جشن و عید کا دن بنا لیا جائے ؟ اور پھر رسولؐ نے لوگوں کو اس کی دعوت کیوں نہ دی، اور ان اقوال و اعمال کو کیوں نہ بیان فرمایا جو ان کے لئے واجب ہیں ؟ جیساکہ عید الفطر اور عید الأضحی کے احکام بیان فرمائے، کیا آپ بھول گئے یا آپ نے کتمان فرمایا، حالانکہ آپ تبلیغ پر مامور تھے ؟ اے اللہ تیری ذات پاک ہے، بے شک تیرے رسولؐ نہ بھولے اور نہ انہوں نے کتمان کیا،لیکن یہ انسان ہی بڑا جھگڑالو ہے !!!
تیسرا شبہ صحیح حدیث میں ہے کہ نبی کریمؐ نے عاشوراء کے دن روزہ رکھا اور اس کا حکم فرمایا اور آپ سے جب اس کے بارے میں سوال کیا گیا،تو فرمایا کہ "یہ ایک اچھا دن ہے، اللہ تعالیٰ نے اس دن موسیٰ اور بنی اسرائیل کو نجات دی۔الخ"اس حدیث سے اشتباہ کی تقریر یہ ہے کہ حضرت موسیٰ اور بنی اسرائیل کی نجات کے شکریہ میں جب نبی کریمؐ نے اس دن روزہ رکھا اورمسلمانوں کو بھی اس کا حکم دیا تو ہمیں بھی چاہئے کہ ہم نبی کریمؐ کے یوم ولادت کو روزہ کا دن نہیں،بلکہ کھانے پینے اور خوشی منانے کا دن بنائیں کس قدر عجیب ہے یہ الٹی کھوپڑی، رب کی پناہ ! کیوں کہ چاہئے تو یہ تھا کہ ہم روزہ رکھیں جس طرح نبی کریمؐ نے روزہ رکھا، نہ یہ کہ دستر خوان لگائے جائیں، اور ڈھول تاشے سے خوشیاں منائی جائیں، کیا اللہ تعالیٰ کا شکر عیش ومستی اور دعوتیں اڑا کر ادا کیا جاتا ہے،بالکل نہیں، پھر یہ کہ کیا ہم کو یہ حق ہے کہ ہم اپنے لئے روزہ وغیرہ مشروع کر لیں۔ ہمارے ذمہ تو صرف اتباع اور اطاعت ہے، رسولؐ نے عاشوراء کے دن روزہ رکھا، تو اس دن کا روزہ سنت ہو گیا، اور اپنے یوم ولادت کے بارے میں خاموش رہے اوراس میں کچھ بھی مشروع نہیں فرمایا،تو ہمارے اوپر بھی واجب ہے کہ ہم بھی اسی طرح خاموش رہیں اور اس میں روزہ نماز وغیرہ مشروع کرنے کی کوشش نہ کریں، اور لہو و لعب یا کھیل کود کا تو کیا ذکر۔
چوتھا شبہ نبی کریمؐ سے بروایت صحیحہ ثابت ہے کہ آپ دو شنبہ اور جمعرات کو روزہ رکھا کرتے تھے، اور اس کی علت اور وجہ آپ نے یہ بیان فرمائی کہ "دو شنبہ کا دن تو وہ دن ہے،جس میں میں پیدا ہوا ہوں اوراسی دن میں مبعوث ہوا ہوں، اور جمعرات کا دن تو یہ وہ دن ہے جس میں اللہ تعالیٰ کے سامنے اعمال پیش ہوتے ہیں، میں یہ پسند کرتا ہوں کہ میرے رب کے سامنے میرا عمل پیش ہو تو میں روزے سے رہوں "
ان لوگوں کے نزدیک وجہ اشتباہ جس کی بناء پر میلاد کی بدعت نکالی ہے یہ ہے کہ آپ نے دو شنبہ کے دن روزہ رکھا اور علت یہ بیان فرمائی کہ ( إنہ یوم ولدت فیہ وبعثت فیہ )(رواہ ابن ماجہ وغیرہ وہو صحیح) "یہ وہ دن ہے جس میں پیدا ہوا اور مبعوث ہوا "یہ اشتباہ اگرچہ پہلے کے اشتباہات سے بھی زیادہ کمزور ہے تاہم بچند وجوہ باطل اور مردود ہے اول یہ کہ جب محفل میلاد کے منعقد کرنے سے رسولؐ کی نعمت ولادت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا ہے، تو اس صورت میں عقل و نقل کا تقاضہ یہ ہے کہ یہ شکر اسی نوع کا ہو، جس نوع کا شکر رسولؐ نے کیا یعنی آپ نے روزہ رکھا تو ہمیں بھی آپ کی طرح اس روز روزہ رکھنا چاہئے، اور جب ہم سے پوچھا جائے تو ہم کہیں کہ یہ ہمارے نبی کی ولادت کا دن ہے اس نے ہم شکر الٰہی ادا کرنے کے لئے آج کے دن روزہ رکھتے ہمیں،یہ اور بات ہے کہ میلاد والے روزہ ہرگز نہ رکھیں گے، کیونکہ روزہ میں نفس کو لذتِ کام و دہن سے محروم کر کے نفس کی اصلاح کی جاتی ہے، اور ان لوگوں کا مقصود یہی لذت کام و دہن ہے، اس لئے غرض متعارض ہو گئی چنانچہ انھوں نے اپنی پسند کو اللہ کی پسند پر ترجیح دی اور اہل عقل کے نزدیک یہ لغزش ہے،
دوم۔ یہ کہ رسولؐ نے اپنی ولادت کے دن روزہ نہیں رکھا جو کہ بارہویں ربیع الأول ہے، اگر یہ روایت ثابت ہو،بلکہ آپ نے دو شنبہ کے دن روزہ رکھا ہے، جو ہر مہینہ میں چار یا چار سے زائد مرتبہ آتا ہے، اس بناء پر بارہویں ربیع الاول کو کسی عمل کے لئے مخصوص کرنا اور ہر ہفتہ آنے والے دو شنبہ کو چھوڑ دینا شارع علیہ السلام کے عمل کی تصحیح اور استدراک سمجھا جائیگا، اور اگر ایسا ہی ہے تو یہ بہت بُرا ہے معاذاللہ-
سوم۔ یہ کہ نبی کریمؐ نے جب اپنی ولادت اور تخلیق اور تمام انسانوں کی طرف بشیر و نذیر ہو کر مبعوث ہونے کے شکریہ میں دو شنبہ کے دن روزہ رکھا تو کیا آپ نے روزے کے ساتھ کوئی محفل اور تقریب بھی کی جیسا کہ یہ میلادی لوگ کیا کرتے ہیں کہ بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے، مدحیہ اشعار اور نغمے ہوتے ہیں اور کھانا پینا ہوتا ہے ؟
جواب یہ ہے کہ نہیں، بلکہ صرف روزے پر اکتفا فرمایا، تو پھر کیا امت کے لئے وہ کافی نہیں جو اس کے نبی کے لئے کا فی ہے ؟ کیا کوئی عقلمند اس کے جواب میں یہ کہ سکتا ہے کہ نہیں پھر شارع کے خلاف کوئی عمل گڑھنے اور ان سے آگے بڑھنے کی یہ جرأت کیوں ؟ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے
﴿الحشر:7]"
اوررسول جو تم کو دیں، اس کو لے لو اورجس سے روکیں اس سے رک جا اوردوسری جگہ فرماتا ہے ﴿الحجرات) "اے ایمان والو ! اللہ اور اس کے رسول کے آگے نہ بڑھو، اور اللہ سے ڈرو،بے شک اللہ سننے والا، جاننے والا ہے "
اور رسولؐ فرماتے ہیں کہ "إیا کم ومحدثات الأمور فإن کل محدثۃ بدعۃ، وکل بدعۃ ضلالۃ " (تم نئے ایجاد کئے ہوئے امور سے بچو، اس لئے کہ ( دین میں ) نئی ایجاد کی ہوئی ہر چیز بدعت ہے اور ہر بدعت گمراہی ہے ) اور فرماتے ہیں کہ "إن اللہ حد حدودا فلا تعتدوھا، وفرض لکم فرائض فلا تضیعوھا، وحرم أشیاء فلا تنتھکوھا، وترک أشیاء فی غیر نسیان ولکن رحمۃ لکم فاقبلوھا ولا تبحثوا عنھا"(اخرجہ ابن جریر ورواہ الحاکم وصححہ عن أبی ثعلبہ الخشنی رضی اللہ عنہ )
" اللہ تعالیٰ نے کچھ حدیں مقرر فرمائی ہیں تم ان سے تجاوز مت کرو، اور تمہارے لئے کچھ فرائض مقرر کئے ہیں، انہیں ضائع مت کرو، اور کچھ چیزیں حرام کی ہیں، ان کی حرمت کو نہ ختم کرو، اور کچھ چیزیں بغیر کسی بھی بھول کے (یوں ہی ) تمہارے اوپر رحم کرتے ہوئے چھوڑ دی ہیں، ان کو قبول کر لو اور ان کے بارے میں کھود کرید نہ کرو"
 

نعم البدل

معزز قارئین!اگر یہ کہا جائے کہ آپ نے تو اپنے دلائل اور براہین کی بھر مارسے بدعت مولود کو باطل کر دیا، لیکن اس بدعت کا جو کہ بہر حال بعض نیکیوں سے خالی نہیں،بدل کیا ہے ؟ تو آپ ان کہنے والوں سے کہیں کہ اس کا نعم البدل یہ ہے کہ واقعہ پیدائش اور نسب شریف اور شمائل محمدیہ کے واقعات کا جائزہ لینے کے بجائے مسلمانوں کو چاہئے کہ سنجیدہ بنیں اور کرنے کے کام میں لگیں، ہر روز مغرب کے بعد عشاء تک اپنی اپنی مسجدوں میں کسی عالم دین کے پاس بیٹھیں جو ان کو دین کی تعلیم دے اور ان کے اندر دین کی سمجھ پیدا کرے، اللہ تعالیٰ جس کے ساتھ خیر کا ارادہ فرماتے ہیں، اس کو دین کا سمجھ عطا فرماتے ہیں، اور پھر وہ نسب شریف بھی جان جائیں گے اور شمائل محمدیہ بھی پڑھ لیں گے اور اسوہ حسنہ سے بھی متصف ہو جائیں گے اوراس طرح یقینی طور پر رسولؐ کے تابعدار اور سچے عاشق ہو جائیں گے اور اسطرح یقینی طور پر رسولؐ کے تابعدار اور سچے عاشق ہو جائیں گے، محض زبانی دعویدار نہ ہوں گے۔ اور ذکر اور تلاوت قرآن کا بدل یہ ہے کہ صبح و شام اور رات کے پچھلے پہر کے لئے وظائف ہوں، صبح کا وظیفہ ہو "سبحان اللہ وبحمدہ، سبحان اللہ العظیم أستغفر اللہ، سوبار، اور "لاإلہ إلا اللہ وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد وھو علیٰ کل شئی قدیر " سو بار،اور شام کا وظیفہ ہو " أستغفر اللہ لی ولوالدی وللمؤمنین و المؤمنات "سوبار، اور سوبار درود شریف اور رات کے پچھلے پہر کا وظیفہ یہ ہے کہ آٹھ رکعت نماز پڑھے اور ہر رکعت میں چوتھائی پارہ قرآن شریف پڑھے اور اپنی نماز تین رکعتوں پر ختم کرے، دو رکعتوں میں ایک رکعت اور ملا کر اس کو وتر بنا دے، اور ساتھ ہی مسجدوں میں جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے کی پابند ی کرے، خاص طور سے عصر اور فجر کی، کیونکہ حدیث شریف میں ہے کہ( من صلی البردین دخل الجنۃ )(رواہ الشیخان ) " جس نے عصر اور فجر کی نماز پڑھ لی وہ جنت میں داخل ہو گیا )-اور قصائد و اشعار سننے کا بدل یہ ہے کہ اچھے اور بہترین قاریوں مثلاً یوسف کامل بہیتمی،منشاوی،صیفی،دروی اور طبلاوی وغیرہ کے کیسٹ رکھے، اور جب کچھ گھٹن اور خشکی محسوس کرے تو ٹیپ ریکارڈ کھول کر قرأت قرآن کو غور سے سنے کہ اس سے سچی اور اچھی طرب اور خوشی پیدا ہو گی جو شوق الی اللہ کو ابھارے گی اور اللہ تعالیٰ کی طرف رغبت پیدا کرے گی۔
اب رہا دوست، احباب اور بھائیوں کو کھانا کھلانا تو اس کا دروازہ کھلا ہوا ہے اور طریقہ بھی معروف اور مشہور ہے، عوام الناس کہتے ہیں "من بید کل یوم عید " "جس کے جیب میں مال ہے اس کا ہر دن عید ہی ہے " یہ کھلانا پلانا کچھ تقریب و محفل اور طاعت و عبادت پر ہی نہیں موقوف ہے، کھانا پکا کے غریبوں کو بلکہ امیدوں کو بھی دعوت دے، خود کھائے، اور اللہ کا شکر ادا کرے، جو شخص اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کو اور دیتا ہے، واللہ خیر الشاکرین۔

 

مولود کا قابل مذمت غلو

جو چیز رنج اورافسوس دونوں کا باعث ہے وہ یہ ہے کہ بہت سے ایسے میلادی اور میلاد کو اچھا سمجھنے والے لوگ ہیں جن میں کچھ پڑھے لکھے لوگ بھی ہیں جنہوں نے اس بدعت کی تعظیم و تکریم میں اس حد تک غلو اختیار کر رکھا ہے کہ جو لوگ اس کو بدعتِ ضلالت کہتے ہیں وہ ان کو کافر اور دین سے خارج تک کہنے سے پرہیز نہیں کرتے، وہ کہتے ہیں کہ فلاں شخص رسولؐ سے بغض رکھتا ہے یا آپ سے محبت نہیں رکھتا،کیوں ؟ اس لئے کہ وہ میلاد کو نہیں پسند کرتا، یا محفل میلاد کو اچھی نظر سے نہیں دیکھتا، حالانکہ وہ جانتا ہے کہ جو شخص رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے نفرت کرے یا آپ سے محبت نہ کرے وہ با جماع مسلمین کافر ہو جاتا ہے، اس لئے یہ کہنا کہ فلاں شخص رسولؐ کو پسند نہیں کرتا، یہ اس فلاں شخص کو کافر کہنا ہے، اور مسلمان کی تکفیر کسی بھی حال میں نہیں جائز ہے، حالانکہ یہ بھی معلوم ہے کہ مؤمن صالح ہی بدعت پر نکیر کرتا اوراس سے منع کرتا ہے اور اس سے ڈراتا ہے، پھر اس کی تکفیر کیسے کی جاسکتی ہے یا اس پر کفر کا اتہام کس طرح لگایا جاسکتا ہے، رب کی پناہ ! اس بدعت میں غلو کرنے والے لوگوں نے گویا رسولؐ کے اس ارشاد سے بالکل آنکھ ہی بند کر لی ہے جو حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے بخاری ومسلم میں روایت ہے کہ "جب آدمی اپنے بھائی سے کہے، اے کافر ! تو ان دونوں میں سے ایک پر یہ قول لوٹے گا، پس اگر ویسا ہی تھا، جیسا اس نے کہا ہے (تو خیر) ورنہ یہ اسے (کہنے والے ) پر لوٹ پڑے گا " اور گویا یہ لوگ رسولؐ کے اس ارشاد سے بہرے ہو گئے ہیں جو حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ کی اس حدیث میں ہے جس کو بخاری ومسلم نے روایت کیا ہے کہ " جس نے کسی کو کفر کے ساتھ بلایا یا کہا، اللہ کے دشمن ! اور وہ ایسا نہیں ہے تو یہ اسی (کہنے والے ) پر لوٹ جائے گا " کسی کے ساتھ یہ رویّہ رکھنا واقعی بہت تعجب خیز ہے۔
مسلمان کا تو مسلمان پر یہ حق ہے کہ اگر وہ نیکی ترک کر دے تو وہ اس کو نیکی کا حکم کرے اور اگر وہ برائی اور خلاف شرع کام کا ارتکاب کرے تو وہ اس کو روکے اور منع کرے، لیکن حال یہ ہے کہ جب کوئی مسلمان اپنے مسلمان بھائی کا حق ادا کرتا ہے اوراس کو کوئی نیکی کا حکم کرتا اور بری بات سے روکتا ہے تو اس کا یہ بھائی اس کو کافر کہ کر بدترین بدلہ دیتا ہے، والعیاذ باللہ تعالیٰ۔
اس کا سبب درحقیقت مسلمانوں کی بدحالی اور ان کے قلوب و اخلاق کا بگاڑ ہے، کیونکہ وہ اسلامی تربیت سے دور ہیں، جس پر مسلمانوں کی حیات کا دارومدار ہے، اور ان کی سعادت و کمال کا سبب ہے، اس لئے کہ یہ تربیت صدیوں سے معدوم ہو چکی ہے، اورافسوس کہ ان کے درمیان اب کوئی ایسی شخصیت بھی نہیں ہے جو تربیت کا فریضہ انجام دے، حالانکہ یہ امت محمد روحانی اور اخلاقی تربیت کی بیحد محتاج اور ضرورت مند ہے، کیونکہ آغاز اسلام میں اس کے کمال وسعادت کا راز یہی تربیت تھی، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ﴿الجمعۃ) "وہی ہے جس نے (عرب کے ناخواندہ) لوگوں میں انہی (کی قوم ) میں سے (یعنی عرب میں سے ) ایک پیغمبر بھیجا، جو ان کو اللہ کی آیتیں پڑھ کر سنا تے ہیں اور ان کو ( عقائد باطلہ و اخلاق ذمیمہ ) سے پاک کرتے ہیں، اور ان کو کتاب اور دانشمندی کی باتیں سکھاتے ہیں اور یہ لوگ ( آپ کی بعثت کے ) پہلے کھلی گمراہی میں تھے
نبی کریمؐ اپنے اصحاب کا جو تزکیہ فرماتے تھے وہ یہی تھا کہ علوم و معارف کے ذریعہ روزانہ جو غذا آپ ان کو عطا فرماتے تھے، اس سے ان کے نفوس کما لات اور اخلاق فاضلہ سے آراستہ ہوتے رہتے تھے،اور انہیں سنن و آداب کا خوگر بناتے تھے یہاں تک کہ وہ حضرات کامل اور طاہر ہو گئے، اور آپ کے بعد آپ کے رفقاء اور اصحاب نے ان تمام ممالک اور شہروں کے مسلمانوں کی تربیت کا کام انجام دیا،جہاں جہاں وہ حضرات گئے، پھر ان حضرات کے بعد ان کے تلامذہ یعنی تابعین نے اور ان کے بعد تبع تابعین نے یہ کام انجام دیا، اور اس طرح امتِ اسلامیہ کامل و مکمل، طاہر اور منتخب قوم ہو گئی،یہاں تک کہ ان کے درمیان سے یہ تربیت اور تربیت کرنے والے لوگ ختم ہو گئے، جس کے نتیجہ میں ایک لاقانونیت اور ہنگامہ کا دور آگیا، شہوات اور خواہشات نفسانی نے اس میں اپنا حصہ لگا لیا، اور پھر ایک دن وہ آیا کہ اس امت کی تربیت کے ذمہ دار وہ لوگ ہو گئے جو اس کے اہل نہیں تھے، انہوں نے اس کی بدحالی اور بگاڑ میں اور اضافہ کر دیا، جو ستم بالائے ستم اور نہلے پہ دہلا تھا۔
آخر میں اپنے اس مسلمان کو جو اس بدعت پر مصر ہے اور جس کے لئے اس کا چھوڑنا دشوار ہے، کیونکہ وہ اس کے جواز یا اس کے فائدہ اور نفع سے مطمئن ہے یا اس وجہ سے کہ وہ ایک زمانہ سے اس کا خوگر ہو چکا ہے، یہ نصیحت کرنا ضروری سمجھتا ہوں کہ وہ اپنے اس مسلمان بھائی کو جو اس کو اس سے روکے یا اس پر نکیر کرے معذور جانے، کیونکہ اس کو اس ذات گرامیؐ کی طرف سے جن کے لئے یہ محفل سجائی جاتی ہے یہ حکم ہے، چنانچہ آپ فرماتے ہیں کہ " تم میں سے جو شخص کوئی منکر (خلاف شرع کام) دیکھے تو اس کو اپنے ہا تھ سے تبدیل کر دے،پس اگر یہ نہ کرسکے تو زبان سے، اور اگر یہ بھی نہ کرسکے تو دل سے اور یہ کمزور ترین ایمان ہے (مسلم) اور فرمایا " تم ضرور معروف (نیک کاموں ) کا حکم دو گے،اور منکر (خلاف شرع کاموں ) سے روکو گے، ورنہ اللہ تمہارے اوپر اپنا عذاب بھیج دے گا، پھر تم اس سے دعا کرو گے، اور وہ تمہاری دعا قبول نہ کرے گا (احمد و ترمذی )
مسلمان کے ذمہ یہ لازم ہے کہ جب اس کا بھائی اس کو کسی اچھی بات کا حکم دے یا بُری بات سے روکے، یا کسی اچھے کام کے کرنے کی اور برے کام سے رکنے کی نصیحت کرے تو وہ اس کو مانے اورتسلیم کرے، یا خوبصورتی کے ساتھ اس کا جواب دے، مثلاً یہ کہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اچھا بدلہ دے، آپ نے تو اپنا فرض ادا کر دیا ہے، میں گناہ کار ہوں، امید ہے کہ اللہ تعالیٰ معاف فرمائے گا، یا یوں کہ دے کہ ! یہ بدعت ہے، لیکن میں نے بعض اہل علم کو دیکھا ہے کہ انہوں نے اس کو ثابت کیا ہے یا اس پر عمل کیا ہے یا انہوں نے اس کو ثابت کیا ہے یا اس پر عمل کیا ہے یا انہوں نے اس کو جائز کیا ہے، میں نے انہی کا اتباع کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سے موازنہ نہ فرمائیں گے۔ (مسلم)
مسلمانوں کواسی طرح رہنا چاہئے،یہ نہیں کہ خواہش نفسانی کے پیچھے اور اپنی رائے کی ضد میں اور دین میں ناحق غلو کرتے ہوئے ایک دوسرے کو کافر بنائیں اور لعنت کریں، اختلاف،نفاق اور بد اخلاقی سے اللہ کی پناہ-
 

بیجا حمایت اور سختی

خود اپنے ساتھ انصاف کے تقاضہ سے یہ بات جان لینا اور کہ دینا ضروری ہے کہ اکثر لوگ جو محفل میلاد کرتے رہیں، تو وہ رسولؐ کی محبت ہی میں کرتے ہیں اوررسولؐ سے محبت کرنا عین دین و ایمان ہے، اور جو شخص رسولؐ سے محبت کرتا ہو اس سے محبت کرنا واجب ہے، اس لئے کسی مسلمان کے لئے یہ درست نہیں ہے کہ مسلمان بھائی سے محض اس طرح کی بدعت کی وجہ سے بغض او ر دشمنی رکھے، جو خود اس کے ملک میں اور عالم اسلامی میں ہیں کیونکہ اس بدعت کے ارتکاب پر ان کو نبی کریمؐ وسلم کے ساتہ جذبہ محبت اور اللہ تعالیٰ کے قرب کے حصول کے جذبہ نے ہی ابھار ا اور آمادہ کیا ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو یہ زیادتی ہو گی جوایسے موقع پر مناسب نہیں ہے۔
اورجس طرح اس سے بغض و دشمنی صحیح نہیں ہے، اسی طرح یہ بھی صحیح نہیں ہے کہ محفل میلاد کرنے یا اس محفل میں شریک ہونے کی بناء پر کسی کو مشرک اور کافر کہا جائے، کیونکہ اس جیسی بدعت کرنے والے یا ایسی بدعت میں شریک ہونے والے کی تکفیر نہیں کی جاتی، اورمسلمان پر کفر یا شرک کا داغ لگانا معمولی بات نہیں ہے، اس سلسلہ میں حدیثیں گزر چکی ہیں، بلکہ عدل و انصاف قائم رکھنا چاہئے، ورنہ باہم ایک دوسرے کو لعنت کرنے سے امت کی اس حیثیت کو نقصان پہنچے گا کہ وہ حق کی رہنما اور عدل کا معیار ہے۔
بدعت میلاد کے ارتکاب کرنے والے مسلمان کے سلسلہ میں جو ذمہ داری ایک مسلمان پر عائد ہوتی ہے، وہ صرف یہ ہے کہ وہ اس کو حکم شرعی بتا دے، پھر اس کو نرمی کے ساتھ سمجھائے کہ وہ اس بدعت کو چھوڑ دے اوراسپر واضح کرے کہ اس میں کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ یہ بدعت ہے اور ہر بدعت گمراہی ہے، اور گمراہی اور ضلالت ہدایت کی ضد ہے، اور اگر وہ نہ مانے تو پھر اس کو نرمی ہی کے ساتھ سمجھاجائے اوراس کے فعل کی بہت زیادہ شناعت اور مذمت نہ کرے، تاکہ اس کی وجہ سے اس کے اندر عناد اور ضد نہ پیدا ہو جائے، کہ اس سے وہ خود بھی ہلاک ہو گا، اوراس کے ساتھ یہ بھی ہلاک ہو جائے گا، کیونکہ یہ اس کی ہلاکت کا سبب بنا ہے،اور اسطرح دونوں ہلاکت کے گھاٹ اتر جائیں گے، کسی امر ناگوار کی براہ راست تردید کرنے سے نبی کریمؐ پرہیز فرمایا کرتے تھے، بلکہ اس طرح فرماتے کہ (مابال أقوام یقولون کذا وکذا ویریدون أن یفعلو کذاوکذا) "لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ یہ،یہ باتیں کہتے ہیں اورایسا ایسا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں "
وجہ یہ ہے کہ انسانی طبیعت اسی طرح واقع ہوئی ہے کہ وہ امر ناگوار کا سامنا نہیں کرسکتی، خواہ خود اس امر کا ارتکاب ہی کیوں نہ کر لے،
اللہ تعالیٰ امام شافعی پر رحمت نازل فرمائے ان کا یہ قول منقول ہے کہ" من نصح أخاہ سراً فقد نصحہ ومن نصح علناً فقد فضحہ " (جس نے اپنے بھائی کو چپکے سے نصیحت کی تو اس نے نصیحت کی اور جس نے اعلانیہ نصیحت کی تو اس نے اس کو رسوا کیا )
یہ سب اس وقت ہے جب کہ بدعت کے اندر مشرکانہ اعمال اور اقوال نہ ہوں، مثلاً غیراللہ کو پکارنا،اور ان سے فریاد چاہنا، اور غیرا للہ کے لئے ذبح کرنا یا غیر اللہ کے سامنے ایسے خشوع اور عاجزی کے ساتھ کھڑا ہونا جس طرح اللہ کے سامنے کھڑا ہوا جاتا ہے۔
یہ تو صرف رسولؐ کی ولادت مبارکہ کی خوشی کا اظہار ہے اور نعمت اسلام پر جس کو لے کر اللہ تعالیٰ نے اپنے محمدؐ کو مبعوث فرمایا، اللہ تعالیٰ کے ادائے شکر کے لئے کھانا کھلانا ہے، یا سیرت پاک کا کچھ حصہ پڑھنا یا بعض ایسے مدحیہ اشعار کا پڑھنا ہے جو شرک اور غلو سے خالی ہوں اورجس میں مردوں اور عورتوں کا اختلاط نہ ہو، اور نہ کسی منکر، خلاف شرع امر کا وجود ہو اور نہ کسی حکم شریعت کو ترک کیا جائے،مثلاً نماز کا ترک کر دینا،یا وقت سے مؤخر کر دینا یہ سب چیزیں نہ ہوں۔
لیکن اگر اس بدعت کے ساتھ کچھ مشرکانہ اقوال یا افعال ہوں یا اس کے اندر باطل اور فساد ہو تو ایسی صورت میں اس پر نکیر کرنے والے مسلمان پر نکیر کرنے میں تشدّد اورسختی ضروری اور لازم ہے، اور اس میں کوئی حرج نہیں کہ جس طرح کا کم یا زیادہ خلاف شرع کا کام ہو رہا ہے اسی لحاظ سے وہ بھی سختی اختیار کرے، اور اس کے اوپر یہ لازم ہے کہ اس شرکیہ و حرام کاموں کے ترک کر دینے کا مطالبہ کرے، اگر چہ اس میں قطع تعلق ہی کی نوبت کیوں نہ آ جائے، حضرات سلف صالحین جب کسی کو دیکھتے کہ وہ خلاف شرع کام کا ارتکاب کر رہا ہے تو اس پر نکیر کرتے، اور اگر وہ اس پر اصرار کرتا تو اس سے تعلق منقطع کر لیتے، یہاں تک کہ وہ اس کام سے باز نہ آ جائے، اگر کچھ اس زمانہ میں اور آج کے زمانہ میں ایک فرق ہے اور وہ یہ کہ اس زمانہ میں قطع تعلق مفید نہیں ہے، کیونکہ یہ قطع تعلق پوری طرح نہیں ہوتا، جو اس شخص پر اثر انداز ہو، اس لئے قطع تعلق کے ساتھ ساتھ اس کو دعوت دیتے رہنا اور ادائے فرض اور ترک حرام کے لئے کہتے رہنا یہ زیادہ مفید اور نافع ہے۔
خلاصہ یہ کہ بدعت میلاد اگر اکثر مشرکانہ افعال و اقوال اور محرمات سے خالی ہوتی ہے، تو اس صورت میں حکم شریعت بتا کر اور ترک بدعت کی ترغیب دے کر، نرمی کے ساتھ اس پر نکیر کی جائے، کیونکہ وہ اس کو ایمان اور حصول ثواب کے جذبہ ہی سے کرتا ہے، اس لئے لوگوں کی نیتوں اور ان کے جذبات کی رعایت کی جائے گی، اور یہ وہ حکمت ہے جس کا حکم امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے سلسلہ میں مسلمانوں کو دیا گیا ہے۔
لیکن جب اس بدعت کے ساتہ شرک و باطل یا شر وفساد موجود ہو تو جیسا شرک وفساد ہو اسی لحاظ سے اس پر نکیر بھی کی جائے گی، اور اس میں یہ جذبہ ہونا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ کا حق ادا ہو گا، اور مسلمانوں کی خیر خواہی اور دنیا و آخرت میں ان کے کمال وسعادت کے لئے دین پر ان کی استقامت میں تعاون کی ذمہ داری ادا ہو گی،
واللہ من وراء القصد وھو المستعان۔
 

ممکن ہے کہ اس رسالہ کے کچھ قارئین یہ سوال کریں کہ جب میلاد نبوی شریف تمام بدعتوں کی طرح ایک بدعت حرام ہے تو علماء اس کی طرف سے خاموش کیوں رہے اور اس کو یوں چھوڑ کیوں دیا کہ بدعت پھیلی اور رواج پا گئی اور اس طرح ہو گئی کہ گویا یہ اسلامی عقائد کا ایک جزء ہے، کیا ان پریہ لازم نہیں تھا کہ وہ اس پر نکیر کرتے، ان حضرات نے ایساکیوں نہ کیا ؟؟
اس کے جواب میں عرض ہے کہ اس بدعت کے پیدا ہونے کے دن ہی سے علماء نے اس پر نکیر کی اور اس کی تردید میں رسالے لکھے، جو شخص ابن الحاج کی " المدخل" سے واقف ہو گا وہ اس کو بخوبی جان سکتا ہے، انہی اہم رسالوں میں سے علامہ تاج الدین عمربن علی لخمی سکندری فاکہانی مالکی مصنف "شرح الفاکہانی علی رسالۃ ابن ابی زید قیروانی" کا رسالہ "المورد فی الکلام علی المولد" ہے، ہم اس کی عبارت اس خاتمہ میں درج کریں گے، یہ اور بات ہے کہ قومیں اپنے انحطاط کے زمانہ میں جس قدر شروفساد کی دعوت پر لبیک کہنے میں قوی ہوتی ہیں اسی نسبت سے خیر و اصلاح کی دعوت قبول کرنے میں ضعیف و کمزور ہوتی ہیں، اس لئے کہ بیمار جسم میں معمولی تکلیف بھی اثر کر جاتی ہے، اور تندرست جسم پر بڑی سے بڑی اور طاقتور تکلیف بھی اثر انداز نہیں ہوتی اس کی محسوس مثال یہ ہے کہ صحیح سالم اور مضبوط دیوار کو پھاؤڑے اور کلہاڑے بھی گرانے سے عاجز رہ جاتے ہیں اور گرتی ہوئی دیوار ہوا کے جھوکے ا ور پیر کے دھکے سے بھی گر جاتی ہے، اس لئے اسلامی معاشرہ کے اندر اس بدعت کا وجود اوراس کا جڑ پکڑ لینا علماء کے اس پر نکیر نہ کرنے کی دلیل نہیں ہے، اور یہ تاج الدین فاکہانی رحمۃ اللہ کارسالہ جس کو ہم پیش کر رہے ہیں اس پر شاہد ہے :
"علامہ فاکہانی رحمۃ اللہ حمد و ثنا کے بعد فرماتے ہیں أمابعد: دین حق پر عمل کرنے والوں کی ایک جماعت نے کئی بار اس اجتماع کے بارے میں سوال کیا جو بعض لوگ ماہِ ربیع الأول میں " مولد" کے نام سے موسوم کرتے ہیں، کہ کیا شریعت میں اس کی کوئی اصل ہے یا یہ بدعت اور دین میں نئی ایجاد ہے ؟ اور ان لوگوں نے اس کا واضع اور متعین جواب طلب کیا،
جواب میں عرض کرتا ہوں، اور اللہ تعالیٰ ہی توفیق دینے والا ہے، کہ مجھے اس میلاد کی کوئی اصل کتاب وسنت سے نہیں ملی، اور ان علمائے امت میں سے کسی کا اس پر عمل بھی منقول نہیں ہے، جو دین کے رہنما اور سلف متقدمین کے نقش قدم پر چلنے والے ہیں، بلکہ یہ بدعت ہے، جس کو اہل باطل نے نکالا ہے اور نفس کی شہوت ہے، جس کی طرف پیٹ کے پجاریوں نے توجہ اور اہتمام کیا ہے، اس کی دلیل یہ ہے کہ جب ہم اس کے اوپر اسلام کے پانچوں احکام کو منطبق کریں گے تو کہیں گے کہ یا تو یہ واجب ہے،یا مندوب ہے،یا مباح ہے،یا مکروہ ہے، یا حرام ہے، واجب تو یہ بالاجماع نہیں ہے اور نہ مندوب ہے، اس لئے کہ مندوب کی حقیقت یہ ہے کہ شریعت اس کو طلب کرے اوراس کے ترک پر مذمت نہ ہو، اور اس کی نہ شارع نے اجازت دی اور نہ صحابہ کرام نے اس کو کیا اور نہ تابعین نے اور نہ علمائے متدیّنین نے، جیساکہ مجھے معلوم ہے، اگر مجھ سے سوال کیا جائے تو یہی جواب میں اللہ تعالیٰ کے سامنے بھی دوں گا، اور نہ اس کا مباح ہونا ہی ممکن ہے،کیونکہ دین میں نئی بات پید ا کرنا با جماع مباح نہیں ہے، تو اب مکروہ یا حرام ہونے کے علاوہ کوئی اور صورت باقی نہ رہی، اور اب کلام دو ہی حالتوں میں ہو گا، اور دونوں حالتوں میں فرق واضح ہو جائے گا۔
اوّل یہ کہ کوئی شخص اپنے مال سے اپنے اہل و عیال اوردوستوں کے لئے یہ کرے اوراس اجتماع میں وہ لوگ کھانا کھانے سے زیادہ اور کچھ نہ کریں اورکسی گناہ کا ارتکاب نہ کریں، یہ وہ صورت ہے جس کو ہم نے بیان کیا کہ یہ بدعت مکروہہ و شنیعہ ہے، اس لئے کہ متقدمین اہل طاعت میں سے جو کہ اسلام کے فقہاء اور مخلوق کے علماء اور زمانہ کے لئے چراغ ہدایت اور عالم زینت تھے کسی نے یہ فعل نہیں کیا۔
دوم یہ کہ اس میں جرم و ظلم شامل ہو جائے، ایک آدمی کوئی چیز دیتا ہے اور اس کا نفس اس چیز کے پیچھے لگا رہتا ہے، اور اس کا دل اس کو رنج و تکلیف پہنچاتا رہتا ہے، کیونکہ وہ ظلم کا دردمحسوس کرتا رہتا ہے علماء فرماتے ہیں کہ "أخذالمال بالحیاء کأخذ ہ بالسیف " شرم دلا کر مال لینا ایسا ہی ہے جیسے تلوار کے زور سے لینا) اور بالخصوص اس وقت جب کہ اس میں لبریز اور پر شکم کے ساتھ نغمے اور طرب ومستی کے آلات اور بے ریش نوجوان لڑکوں اور فتنہ سامان عورتوں کے ساتھ مردوں کے اجتماع اور اختلاط کا بھی اضافہ ہو جائے اور جھک جھک کر اور مڑ مڑ کر رقص بھی ہوتا ہو اور لہو لعب میں بالکل استغراق ہو، اورحساب و کتاب کے دن کو بالکل بھلا دیا گیا ہو، اوراسی طرح عورتیں جب تنہا جمع ہوں اور خوب بلند آواز سے عالم طرب میں گا رہی ہوں، اور غیر مشروع طریقہ سے ذکرو تلاوت کر رہی ہوں اور ارشاد ربّانی (إِنَّ رَبَّک َ لَبِا المِرصَاد) "بے شک تیر ا رب گھات میں ہے " سے غافل ہوں، تو یہ ایسی صورت ہے کہ جس کی حرمت میں کسی دو انسانوں کا بھی اختلاف نہیں اور جسے مہذب نوجوان بھی نہیں اچھا سمجھتے، بلکہ یہ انہی لوگوں کو لذیذ معلوم ہو تا ہے جن کے دل مردہ ہو چکے ہیں، اور جو لوگ گناہوں سے نفرت نہیں رکھتے، مزید یہ بھی بتا دوں کہ یہ لوگ ان سب خرافات کو عبادت سمجھتے،إناللہ وإنا إلیہ راجعون " بدأ الإسلام غریبا وسیعود کما بدأ) "اسلام ابتداء میں اجنبی تھا اور بعد میں پھر ابتدا کی طرح (اجنبی) ہو جائے گأ" امام ابو عمرو بن العلاء کیا خوب ارشاد فرماتے ہیں کہ :"کہ جب تک لوگ تعجب خیز بات پر تعجب کرتے رہیں گے تو خیر پر رہیں گے " نیز یہ بھی ہے کہ،جس ماہ ربیع الأول میں رسولؐ کی ولادت ہوئی ہے، ٹھیک اسی مہینہ میں آپ کی وفات بھی ہوئی ہے اس لئے اس میں خوشی منانا غم منانے سے بہتر نہیں ہوسکتا، وہذا ماعلینا أن نقول ومن اللہ نرجوحسن القبول "انتہت رسالۃ تاج الدین الفاکہانی مسمی" المورد فی الکلام علی المولد" زندگی کا عجوبہ ہے کہ سیوطی نے "الحاوی" میں اس رسالہ کا ذکر کیا ہے، اور انہوں نے اس کے جواب دینے کی کوشش کی ہے لیکن اس میں وہ کامیاب نہیں ہوئے، کیونکہ ان کا جواب بہت لچر ہے اس لئے کہ وہ حق کے ابطال کے لئے باطل کو لے کر بحث کر رہے ہیں۔والعیاذ باللہ

معزز قارئین! آپ امام سیوطی کے ان اشتباہات سے واقف ہو گئے، جن پر وہ اس گمان میں بہت خوش ہوتے ہیں کہ انہوں نے بدعت میلاد کی اصل شریعت میں ڈھونڈ نکالی اور آپ اس سے بھی واقف ہو گئے، جو ہم نے ان کا جواب دیا ہے اور جو حق کے طالبین اور حق پے زندگی گزار دینے میں رغبت رکھنے والوں کے لئے راستہ روشن کرتا ہے، اس لئے سیوطی نے علامہ فاکہانی کا جواب دیا ہے اس سے عدم واقفیت آپ کے لئے مضر نہیں ہے، اس لئے کہ ان کے مذکورہ بالا شبہات کی معرفت سیوطی کے جواب کی معرفت سے بے نیاز کرتی ہے،
کہ :-- قیاس کن زگلستان ِمن بہار مرا
اس کے بعد عرض ہے کہ اگر ہمارے اس رسالہ کے پڑھنے کے بعد بھی آپ کا ذہن صاف نہ ہو، اور بدعت مولود کے بدعتِ ضلالت ہونے میں شک اور تردد باقی رہے تو درج ذیل دعا کو کثرت کے ساتھ پڑھیں، اللہ تعالیٰ آپ کے شک و تردد کو دور فرما دیں گے اور آپ کے دل میں راہ صواب ڈال دیں گے اور راہ ہدایت کی راہنمائی فرمائیں گے، وھو علی کل شیئ قدیر وبالإجابۃ جدیر- وہ دعا یہ ہے :-
"اللہم رب جبریل ومیکائیل وإسرافیل فاطرالسموات والأرض عالم الغیب والشہادۃ أنت تحکم بین عبادک فیما کانوا فیہ یختلفون و إہدنی لی لما اختُلِف فیہ من الحق بِإذنک إنک تہدی من تشآء إلی صراط مستقیم "
ترجمہ"اے اللہ !جبریل و میکائیل واسرافیل کے رب !آسمانوں اور زمین کے پیدا کرنے والے !
غیب اور حاضر کے جاننے والے تو اپنے بندوں کا فیصلہ کرتا ہے، اس چیز میں جس میں وہ اختلاف کرتے ہیں، جس چیز میں اختلاف ہے اس میں تو مجھے اپنے حکم سے حق کی ہدایت دے، بے شک تو جس کو چاہے سیدھے راستہ کی ہدایت دیتا ہے۔

٭ ٭ ٭

ماخذ:
www.islamhouse.com
تدوین اور پروف ریڈنگ، ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

1 حضرت مفتی شیخ عبد العزیز بن باز رحمۃ اللہ نے بدعت مولود کے رد و انکار میں کئی مضامین لکھے ہیں، لیکن کہیں بھی مولود کرنے والوں کو کا فر نہیں کہا ہے۔بی –بی- سی لندن کی خبر محض جھوٹ اور افواہ ہے، جو فتنہ پھیلانے کے لئے گھڑی گئی ہے ورنہ تو مفتی صاحب کی تحریریں موجود ہیں انہیں دیکھا جا سکتا ہے۔

2 بہت سے مفسرین کے نزدیک آیت میں "برہان "سے مراد نبی ؐہیں، اور "نور" سے مراد قرآن کریم ہے
3 اور مسلم کے الفاظ یہ ہیں "اس گھر کی مثال جس میں اللہ کا ذکر کیا جاتا ہے، اور اس گھر کی مثال جس میں اللہ کا ذکر نہیں کیا جاتا، زندہ اور مردہ کی مثال ہے۔

4 اگر یہ کہا جائے کہ ہم نے یہاں لاحول الخ کیوں کہا تو اس کا جواب یہ ہے کہ غم دور کرنے کے لئے کیونکہ حضر ت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ "لاحول ولا قوۃ إلا باللہ" ننانوے بیماریوں کی دوا ہے جن میں سب سے آسان غم ہے،(رواہ ابن ابی الدنیا وحسنہ السیوطی۔

5 "(الموافقات ج/1ص/191)
6 اسکو قرافی رحمۃ اللہ نے "الفروق" میں نقل کیا ہے اورافسوس کہ وہ بھی فریب کھا گئے
7 مزید برآں یہ خلفائے راشدین کی سنت بھی ہے جن کے اتباع کا ہمیں حکم دیا گیا ہے
8 بلاد مغرب میں اس مسئلہ پر بے حد قیل و قال ہے کیونکہ تونس،جزائر اور مراکش کے لو گ بعض نمازوں کے بعد حزب پڑھتے ہیں یعنی بیک آواز اجتماعی قرأت کرتے ہیں، اور قرأت کی یہ ہیئت بدعت ہے۔بعض اہل علم نے اس سے منع کیا ہے کیونکہ یہ بعد کی ایجاد اور بدعت ہے، جو عہد سلف میں معروف نہ تھی، اور بعض اہل علم نے اسکی اجازت دی ہے اسلئے کہ یہ حفظ قرآن کا وسیلہ اور ذریعہ ہے اور ان لوگوں سے میں نے جو بات کہی وہ دونوں آراء کی جامع تھی وہ یہ کہ اگراس اجتماعی قرأت سے مراد تعبد اور عبادت ہے تو یہ صحیح نہیں ہے کیونکہ یہ محدثہ اور بدعت ہے اوراگراس سے مراد قرآن کی حفاظت ہے تاکہ وہ ضائع نہ ہو تو ان مصالح مرسلہ میں سے ہے جس کی اجازت اہل علم دیتے ہیں واللہ اعلم۔

9 مثلاً یہ شعر :- صل علیک یا علم الہدی : ما حن مشتا ق الی لقاک۔
10 مجھے نہیں معلوم کہ یہ روایت کس سے مروی ہے ا ور اسکی اسنادکیا ہے،اس کو سیوطی نے بصیغہ تمریض ذکر کیا ہے اورمیرا خیال ہے کہ یہ روایت صحیح نہیں ہے رواہ مالک،بخاری ومسلم

11 یہ وظائف اور ان کی تعداد صحاح وسنن میں ثابت ہے، اسی طرح پچھلی رات کی نماز (تہجد) بھی ثابت ہے )

12 اس عبارت کی اصل یہ ہے " من بیدہ المال فکل یوم عیدہ " اسلئے اس مثل کے دونوں دالوں کو اشباع کے ساتھ پڑھا جاتا ہے، کیونکہ اشباع دونوں محذوف ضمیروں کے عوض میں ہے۔
13 صحیح بخاری کتاب الإیمان میں حضرت عمار بن یاسر سے روایت ہے کہ حضرت عمار نے فرمایا کہ تین چیزیں ہیں جس نے ان کو جمع کر لیا، اس نے ایمان کو جمع کر لیا،1-خود اپنے ساتہ انصاف کرنا 2-اور عالم سے سلام کرنا 3-اور تنگی کے باوجود خرچ کرنا،بظاہر یہ حدیث موقوف ہے،لیکن مرفوعاً روایت ہے
14 (اس اسلوب تحریرسے معلوم ہوتا ہے کہ لوگ مولود کے نام پر چندہ وصول کیا کرتے تھے، اور واقعہ بھی یہی ہے،کیونکہ اب تک اولیاء کے مزارات پر جو عرس اور مولود کی جو محفلیں ہوا کرتی ہیں اس کے لئے لوگ عام لوگوں سے چندہ وصول کرتے ہیں، تاکہ ولی اور بزرگ کی برکت اور شفاعت حاصل ہو جائے،) علماء فرماتے ہیں کہ " أخذ المال بالحیاء کأخذہ بالسیف" (2) علماء کا یہ قول بھی ہے کہ " ما أخذ بوجہ الحیاء فہو حرام " (جو چیز شرم دلا کر لی جائے وہ حرام ہے )

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

اسلامیات