دین و مذہب

مغیث الاسلام فریدی: فن اور شخصیت

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (23,614 الفاظ)

مغیث الدین فریدی: فن اور شخصیت

ڈاکٹر شیخ عقیل احمد جمع و ترتیب: اعجاز عبید

تہذیبِ جنوں اور مغیث الدین فریدی

مغیث الدین فریدی کی شاعری میں رومانی ماورائیت اور تصوف کی رمزیت اور شعیت بھی ہے۔ان کا تعلق صوفیائے کرام سے تھا۔ حضرت سلیم چشتیؒ ان کے جد تھے اور ان کے وسیلے سے ان کا رشتہ با با فرید گنج شکرؒ تک پہنچتا ہے۔ یہ والد کا شجرہ ہے اور والدہ کی طرف سے مولانا احمد حسن صاحب محدث کانپوری جو اپنے زمانے کے جید عالم اور محدث تھے، فریدی صاحب کے حقیقی نانا تھے جن کی شہرت ہندوستان سے سر زمینِ عرب تک تھی بڑے بڑے بزرگانِ دین اور علماء حضرات ان کے سامنے دست بستہ کھڑے رہتے تھے۔ان بزرگوں کے اثرات کی وجہ سے درویشی اور قلندری مغیث الدین فریدی کے مزاج میں موجود تھی جس نے دنیاوی جاہ و منزلت،شہرت اور دولت کی ہوس سے انہیں بے پروا کر دیا۔ اس لئے بعض اشعار میں وہ ’’نفسِ مطمئنہ‘‘ یا تکمیلِ انسانیت کی منزل پر پہنچے ہوئے معلوم ہوتے ہیں۔ جہاں ان کا شعور انسانی شعور سے بلند تر ہو گیا ہے۔یہ مقام وہی حاصل کر پاتا ہے جو ما سوااﷲ ہر شے سے بے نیاز اور آزاد ہو جاتا ہے۔
انسان دراصل روح سے عبارت ہے اور روح کا تعلق ’’عالم امر‘‘سے ہے۔روح کے وجود کی نوعیت خدا کی پیدا کردہ خارجی دنیا سے مختلف ہے۔یہ یکتا و یگانہ اور ذاتِ مطلق ہے۔اس کا طبعی رجحان خدا کے حکم کی تعمیل کرنے کی جانب تھا لیکن چوں کہ اسے خارجی دنیا سے مربوط کر کے جسم دے دیا گیا اس لئے اس تجسیم کے عمل سے اس میں کچھ نئی صفات پیدا ہو گئیں جسے ہیجان اور سرکشی کہا جاتا ہے۔اسی لئے روح کے تصفیہ اور تزکیہ کرنے کی تاکید کی گئی تاکہ اس کے طبعی میلان کو یعنی خدا کے حکم کی تعمیل کرنے کے رجحان کو تقویت پہنچائی جائے۔ روح کی یہی وہ نئی صفت یعنی سرکشی ہے جو تمام برائیوں کا سرچشمہ ہے۔سرکشی کی حالت میں روح نیکیوں سے گریز کرتی ہے اور برائیوں کی طرف مائل ہوتی ہے۔اسی صورت کو ’’نفسِ امّارہ‘‘ کہا جاتا ہے۔تاہم اس سرکشی کے باوجود اس میں برائیوں پر قابو پانے کی فطری صلاحیت ہوتی ہے۔لہٰذا برائیوں پر غلبہ پا لینے اور تزکیہ کر لینے کے بعد اس میں ندامت اور ملامت کا انداز پیدا ہو جاتا ہے جس کو ’’نفسِ لوامہ‘‘ کہا جاتا ہے۔اس درجے سے گزرنے کے بعد جب یہ مزید ترقی کر لیتی ہے تو بلندی کی اس منزل پر پہنچ جاتی ہے جہاں احکامِ خدا اور اس(روح) میں ایسی مناسبت پیدا ہو جاتی کہ خدا کے کسی بھی حکم کو بجا لانا اس کے لئے مشکل کام نہیں رہ جاتا۔چنانچہ بلندی کے اس درجے کو ’’نفسِ مطمئنہ‘‘ کہا جاتا ہے۔یہی غایت و مقصود انسانیت ہے اور اسی مقصود کے حصول کا نام عبدیت ہے۔یہ مقام وہی حاصل کر سکتا ہے جو خدا کی ذات کے سوا دنیا کی ہر چیز سے بے نیاز اور آزاد ہو جائے۔فریدی صاحب کے بعض اشعار پڑھ کر معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے مقام عبدیت حاصل کر لیا تھا۔مثال کے طور پر یہ اشعار ملاحظہ کیجئے:
طبع فریدی کو کوئی شکوہ زمانے سے نہیں
دنیا میں وہ رہتا بھی ہے دنیا سے بے پروا بھی ہے
دل کی حالت پہ ہے موقوف غمِ سود و زیاں
دل سنبھل جائے تو یہ سود و زیاں کچھ بھی نہیں
پاس ہے تیری مشیّت کا یہ اندازِ طلب
ورنہ میرے لئے اسبابِ جہاں کچھ بھی نہیں
اس کے بعد فریدی اپنے دلِ آگاہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے انہیں دنیا کی بہاروں میں کھونے نہیں دیا۔
دنیا کی بہاروں میں کھو کر میں اپنی نظر سے چھپ جاتا
صد شکر دلِ آگاہ مِرا، دل بن گیا جامِ جم نہ ہوا
’’نفسِ مطمئنہ‘‘ کے درجے کو حاصل کر لینے کے بعد فریدی کو انسان کی عظمت کااحساس ہوتا ہے جس کا اظہار انہوں نے اقبال کے لہجے میں اس طرح کیا ہے۔
آرائشِ گیتی کا تو کیا ذکر ہے اے دل
حق یہ ہے خدا کو بھی خدا ہم نے بنایا
جس راہ میں جبریل کے پر کانپ گئے تھے
اس راہ میں نقشِ کفِ پا ہم نے بنایا
مندرجہ بالا اشعار میں مردِ مومن کا تصور پیش کیا گیا ہے اور حضور اکرم ﷺ کی ذات گرامی کو مردِ مومن یا مردِ کامل قرار دے کر واقعۂ معراج کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
مقامِ عبدیت یا درجۂ ’’نفسِ مطمئنہ‘‘ حاصل کر لینے کے بعد تو انسان سب کچھ پا لیتا ہے۔دنیاوی چیزیں ایسے انسان کے لئے کچھ بھی نہیں ہیں لیکن اہلِ دنیا یہ سمجھ کر کہ ان کی رسائی محدود تھی طعنے دیا کرتے ہیں لیکن شاعر کے دل پر ان سب باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ اس لئے وہ کہتے ہیں :
فریدی کا دل بے نیازِ طلب ہے اسے طعنۂ نارسائی نہ دیجئے
کسی اور نشتر سے اب وار کیجئے یہ خنجر مرا آزمایا ہوا ہے
بار تھی روح پہ کل اپنے ہی دل کی دھڑکن
اب یہ کیا کہ طبیعت پہ گراں کچھ بھی نہیں
فریدی نے تو اہلِ دنیا کو کبھی اس لائق بھی نہیں سمجھا کہ ان سے اپنا جائز حق مانگتے۔ اہلِ دنیا تو صحیح معنوں میں صوفیوں اور ابدالوں کے رحم و کرم کے محتاج ہیں۔ ان کا شعر ہے:
کس سے محنت کا اپنی صلہ مانگتے ذرّہ ذرّہ ہمارا ہی محتاج تھا
دشتِ امکاں کو ہم نے مہک بخش دی جھوم کر آہوئے مشکبو کی طرح
جیسا کہ ذکر کیا گیا کہ فریدی کا تعلق صوفیاء کرام سے تھا جس کی وجہ سے صوفیانہ صفات ان میں موجود ہیں لہٰذا جہاں ان کی شاعری میں ماسوا خدا دنیا کی ہرچیزسے بے نیازی کی ترغیب ملتی ہے وہیں ان کے اشعار میں خرد یعنی عقل پر جنوں کو ترجیح دی گئی ہے۔علّامہ اقبال نے کہا ہے کہ دماغ کی انتہائی ترقی یافتہ صورت عقل ہے اور عقل کی انتہائی ترقی یافتہ صورت عشق ہے۔ اس لئے اقبال نے بھی عقل پر عشق کو ترجیح دی ہے۔اقبال کا شعر ہے:
بے خطر کود پڑا آتشِ نمرود میں عشق
عقل ہے محوِ تماشائے لبِ بام ابھی
جبکہ جنوں عشق سے کہیں آگے کی چیز ہے یا اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا کہ جنوں عشق کی انتہائی ترقی یافتہ صورت ہے۔جنون دراصل ایک کیفیت ہے جو صوفیوں پر اس وقت طاری ہوتی ہے جب مراقبے میں مصروف ہوتے ہیں۔ دورانِ سلوک جس مقام پر جنون کی کیفیت طاری ہوتی ہے اس مقام پر پہنچ کر شعور یا علمِ ذات اور ذوق و الہام کی طاقت بیدار ہو جاتی ہے جو تمام شکوک کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیتی ہے اس طرح انسان ان چیزوں کا بھی ادراک کر لیتا ہے جن چیزوں تک عقل کی رسائی نہیں ہوتی۔فریدی صاحب کے یہ ا شعار ملاحظہ کیجئے:
پریشاں حال دیوانے، گریباں چاک دیوانے
جنوں کے دم سے ہیں آئینۂ ادراک دیوانے
کسی میں ہمّت نہ تھی کہ بڑھ کر جنوں کی زنجیر تھام لیتا
خرد کی بستی میں ہے اندھیرا چراغ صحرا میں جل رہا ہے
اشراقیہ فلسفیوں کا بھی یہ خیال ہے کہ انفرادی عقل نور اوّل کی ایک دھندلی سی تصویر یا عکسِ بعید ہے۔ اس لئے تنہا عقل ادراک کرنے کے قابل نہیں ہے۔اس کو ہمیشہ ذوق و الہام سے مدد لینی چاہئے جو اشیا کے ادراک کا پُر اسرار جوہر ہے اور جو مضطرب روح کو علم و سکون بخشتا ہے اور شکوک کو دائمی طور پر ختم کر دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صوفی منش شاعر عقل و خرد پر جنوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ مندرجہ ذیل شعر کے پہلے مصرع میں فریدی صاحب نے عزمِ ترکِ طلب کی با ت کہی ہے اور دوسرے مصرع میں جنوں میں رنگِ شعور آنے کی بات کی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مقامِ عبدیت حاصل کر چکے ہیں اور ان کے جنوں میں رنگِ شعور آگیا ہے یعنی شعور یا علم ذات ان کے اندر پیدا ہو چکا ہے جو نورِ مجرد کا جوہر ہے۔واضح رہے کہ نورِ مجرد اشراقی فلسفیوں کے مطابق خود کو بالذات جانتا ہے اور کسی ’’غیر انا‘‘ کا پابند نہیں ہوتا جو اس کے وجود کو منعکس کر سکے۔ فریدی کا شعر ہے:
عزمِ ترکِ طلب دل میں پیدا ہوا ان سے ملنے کی اک آرزو کی طرح
اب جنوں میں بھی رنگِ شعور آ گیا چاک کرتے ہیں دامن رفو کی طرح
انہوں نے ایک دوسرے شعر میں بھی یہ کہا ہے کہ جب جب شعور یعنی عقل نے راہِ طلب یعنی طلب کا راستہ اختیار کیا ہے تب تب جنوں نے اسے آئینہ دکھا یا ہے یعنی صحیح راستے پر چلنے کی ترغیب دی ہے۔اس سے اہلِ عقل کو بلند مقام حاصل ہوا ہے:
رہِ طلب میں جنوں نے اکثر شعور کو آئینہ دکھایا
جسے تھا عذرِ شکستہ پائی وہ اب ستاروں پہ چل رہا ہے
اسی لئے فریدی ہمیشہ یہ اصرار کرتے ہیں :
زمانہ اس پہ تلا ہے، خرد کی بات رہے
ہمیں یہ ضد ہے کہ اُونچا جنوں کا نام رہے
فریدی کا یہ خیال کہ اس دنیا کی رونقیں ا ہل جنوں سے ہیں نہ کہ اہلِ عقل سے:
اہلِ جنوں کے دم سے ہیں بزمِ جہاں کی رونقیں
خاک اڑا کے رہ گئے عقل پہ کاربند لوگ
فریدی کے کئی اشعار میں عقل و خرد پر جنوں کو ترجیح دی گئی ہے۔چند اشعار ملاحظہ لیجئے۔
جنوں کی نا تمامی پر مجھے حیرت، انہیں اُلجھن
گریباں چاک ہو جائے تو ماتھے کی شکن بدلے
یہ تہذیبِ جنوں اک معجزہ ہے تیری نظروں کا
ادب کرتے ہیں تیرا سرکش و بے باک دیوانے
زمانہ ہمّتِ اہلِ جنوں پر طعنہ زن کیوں ہے
ابھی زنجیر کی آواز تو آئی ہے زنداں سے
جنوں اور دیوانہ ایک ہی قبیل کے الفاظ ہیں۔ جنوں اگر کیفیت ہے تو یہ کیفیت جس پر طاری ہوتی ہے وہ دیوانہ ہے۔اس لئے جہاں جنوں کا ذکر ہو گا وہاں دیوانے کا بھی ذکر ہو گا۔ فریدی کے اشعار میں لفظ دیوانہ کا بھی استعمال کثرت سے ملتا ہے۔ان کے اشعار میں بے نیازی اور ترکِ دنیا کے مضمون در آنے کی کیا وجہ ہے اس کا تفصیلی ذکر کیا جا چکا ہے۔مندرجہ شعر میں بھی دنیا کی چمک دمک سے بے نیازی کا اظہار کیا ہے پھر بھی شہر کی زندگی جی رہے ہیں۔ اس کی وجہ تو انہوں نے یہ بتائی کہ دیوانگی کے عالم میں صحرا کا راستہ بھول گئے ہیں۔ لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ صوفی یا ابدال جو نظر آتے ہیں ویسے نہیں ہوتے اور جو صوفی جیسے نظر آتے ہیں وہ عموماً صوفی نہیں ہوتے۔ممکن ہے فریدی ایک عام انسان اور ایک استاد کے بھیس میں صوفی یا ابدال ہی رہے ہوں۔
پروفیسر خواجہ احمد فاروقی نے اپنی کتاب ’’یادِ یار مہربان‘‘ کے صفحہ( ۹۱-۹۲) پر پروفیسر حامد حسن قادری کے ایک خط کا اقتباس نقل کرتے ہوئے لکھا ہے:
’’۵اگست ۱۹۵۴ء کے خط میں لکھتے ہیں : مدراس والے ڈاکٹر عبدالحق صاحب کا خطاب شاید افضل العلماء بھی ہے۔مجھے بھی ایک مرتبہ ان کی زیارت کا موقع ملا ہے جب وہ جامعہ اردو کے جلسے میں آگرہ تشریف لائے تھے۔مجھے ایک ادا ان کی بہت پسند آئی تھی۔ایک مشہور بزرگ گزرے ہیں مولانا احمد حسن صاحبؒ محدّث کانپوری۔ڈاکٹر صاحب کے والدِ مرحوم محدّث کانپوری رحمۃ اﷲ علیہ کے شاگرد تھے۔صرف اس تعلق سے ڈاکٹر صاحب آگرہ سے کانپور گئے۔مولانائے مغفور کے مزار شریف پر فاتحہ پڑھی اور ان کے خاندان سے ملے۔یہ سن کر آپ کو لطف آئے گا کہ حضرت محدّث کانپوری ؒ مغیث الدین فریدی کے حقیقی نانا تھے اور لطفِ مزید کا باعث یہ لطیفہ ہو گا کہ حضرت مولانا احمد حسن صاحب رحمۃ اﷲ علیہ میرے پیر و مرشد حضرت قبلۂ عالم محدّث علی پوری روحی فداہ کے بھی استاد تھے۔حضرت صاحبؒ نے کانپور آ کر اور مولانا صاحب کی خدمت میں رہ کر حدیث شریف پڑھی ہے۔لطیفہ یہ کہ حضرت صاحب آگرہ تشریف لائے اور فریدی صاحب مرحوم نے مغیث اور ان کے بھائی کو حضرتؒ کی خدمت میں پیش کیا تو حضرت صاحب اپنے استاد کے نواسوں کی تعظیم کے لئے کھڑے ہو گئے اور پہلے لڑکوں کو بٹھا لیا جب خود بیٹھے۔حالانکہ انتہائے ضعف کے سبب سے ایک آدمی کی مدد سے اٹھتے اور کھڑے ہوتے تھے۔‘‘
پروفیسر حامد حسن قادری کی باتوں سے میں اتفاق کرتا ہوں لیکن یہ بھی ممکن ہو کہ حضرت صاحب نے ننھا مغیث میں صوفی اور ابدال مغیث الدین فریدی کو دیکھا ہو اور ان کی تعظیم کے لئے اُٹھ کر کھڑے ہو گئے ہوں۔ فریدی کا ایک اور شعر ہے:
بستی میں بسیرے کا ارادہ تو نہیں تھا
دیوانہ ہوں، صحرا کا پتہ بھول گیا ہوں
شاعر یا تخلیق کار اگر دیوانہ نہ ہو تو ایک سچّا اور فطری شاعر نہیں بن سکتا کیوں کہ دیوانہ ہمیشہ دل سے اور ہوش مند لوگ دماغ سے کام لیتے ہیں۔ ایک سچے اور فطری شاعر کے دل میں اس کی اپنی ایک خوبصورت سی دنیا آباد ہوتی ہے جہاں وہ کبھی تنہا ئی محسوس نہیں کرتا لیکن باہر کی دنیا میں طبعی طور پر موجود ہونے کے باوجود وہ خود کو تنہا محسوس کرتا ہے۔فریدی صاحب بھی ایک دیوانہ تھے۔ اس لئے دل کی دنیا ان کے لئے گلشن اور باہر کی دنیا صحرا ہے۔یہ شعر ان کے داخلی تجربے کا ترجمان ہے۔
دل کا عجب انداز ہے گلشن بھی ہے صحرا بھی ہے
دیوانہ اپنے رنگ میں محفل بھی ہے تنہا بھی ہے
مندرجہ اشعار میں بھی دیوانوں کے دل کی کیفیت کا اظہار ہے۔
طعنوں کا ہدف ٹھہرے جو ذوقِ نظر مانگے
دیوانہ کہاں جائے کس دشت سے گھر مانگے
بہارِ گرمیِ آغوشِ ساقی دل میں رہتی ہے
خمِ گیسوئے دیوانہ نواز آنکھوں میں پھر تا ہے
٭٭٭

آئینہ عکسِ سخن میں (مغیث الدین فریدی کے حوالے سے)

آئینے کا استعمال فلسفہ اور شاعری میں قدیم زمانے سے ہوتا آیا ہے۔ فریدی نے بھی شعوری یا غیر شعوری طور پر اپنی نظموں، غزلوں، قطعات اور تضمین کے بیشتر اشعار میں آئینے کا استعمال کیا ہے۔صرف کفرِ تمنّا کی غزلوں میں بیس دفعہ آئینہ کا استعمال کبھی حقیقی معنوں، کبھی تصوف کی روشنی میں۔ کبھی استعارے بنا کر تو کبھی محاورے کے طور پر کیا ہے۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کے نزدیک آئینہ کافی تہ دار اور معنی خیز شے ہے اور استعاراتی اظہار کے لئے یہ مناسب لفظ ہے۔
آئینہ سکندر اعظم نے ایجاد کیا تھا تاکہ اس میں اپنا یا کسی بھی چیز کا عکس دیکھا جا سکے۔تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ آئینہ سب سے پہلے لوہے کو جِلا دے کر ایک لوہار نے سکندر کے کہنے پر بنایا تھا لیکن جب کانچ دریافت ہوئی تو کانچ کا آئینہ بنایا جانے لگا۔آئینہ کا لغوی معنی ہے منھ دیکھنے کا شیشہ،گواہ، صاف صاف بتانے والا۔بہت صاف شفاف چیز کو بھی آئینہ کہا جاتا ہے۔آئینہ حیران کر دینے یا ششدر کر دینے کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے۔آئینہ سے متعلق بے شمار محاورے بھی بنائے گئے ہیں۔ مثلاً آئینہ الٹ کر دکھانا۔اس کا استعمال عورتیں ٹوٹکے کے طور پر نظرِ بد سے بچنے کے لئے اس وقت کرتی ہیں جب وہ بناؤ سنگار کرتی ہیں۔ آئینہ اندھے کو دکھانا بھی محاورہ ہے جس کا مطلب ہے کہ ایسے شخص کو نصیحت کرنا جو نصیحت قبول کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ہو۔آئینہ بنا دینا بھی محاورہ ہے جس کا مطلب ہے حیران کر دینا۔اسی طرح آئینہ بن جانا حیران کر دینے کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔آئینہ تمثال کنایتاً معشوق یا رخ معشوق کو کہتے ہیں۔ اسی طرح آئینہ یا آئینہ رو یا آئینہ رخسار معشوق اور حسین سے کنایہ ہے۔آئینہ سیما اور آئینہ عذار بھی معشوق سے کنایہ ہے۔ آئینہ جڑنے سے مراد ہے کسی چیز کو صاف کر کے چمکا دینا۔ آئینہ میں بال آ جانا یا پڑ جانا بھی محاورہ ہے جس کا مطلب ہے کسی صدمے سے آئینے میں خفیف سا خطِ شکست کا نمودار ہونا۔ مختصر یہ کہ اشعار میں آئینے کے استعمال کی کافی گنجائش ہے۔
جلا اور صفائی آئینہ کی بنیادی وصف ہے۔دل بھی آئینہ کی طرح صاف شفاف ہوتا ہے جس میں انسان کی حقیقت دیکھا جا سکتا ہے۔اسی مناسبت سے بے شمار شاعروں نے آئینہ کو دل کے استعارہ کے طور استعمال کیا ہے۔اقبال کا شعر ہے :
تو بچا بچا کے نہ رکھ اسے، ترا آئینہ ہے وہ آئینہ
کہ شکستہ ہو تو عزیز تر ہے نگاہ آئینہ ساز میں
یہاں آئینہ دل کا اور آئینہ ساز خدا کا استعارہ ہے۔دل وہ آئینہ بھی ہے جس میں محبوب کی پرچھائیں نظر آتی ہے اور عاشق اس کا دیدار کرتا رہتا ہے۔حسرت موہانی کا شعر ہے:
جلائے شوق سے آئینہ تصویرِ خاطر میں
نمایاں ہو چلا روئے نگار آہستہ آہستہ
اسی دل کے آئینہ میں کائنات کی حقیقت بھی نظر آتی ہے۔بعض شاعروں نے نظریہ وحدت الوجود کی روشنی میں کائنات کو آئینہ سے تعبیر کیا ہے۔ غالب کے ایک شعر میں ’ آئینہ‘ کائنات کا استعارہ ہے۔غالب کا شعر ہے:
آرائشِ جمال سے فارغ نہیں ہنوز
پیش نظر ہے آئینہ دائم نقاب میں
غالب نے اس شعر میں کہا ہے کہ خد ا کائنات میں اپنے آپ کو دیکھتا رہتا ہے اوراس کو بہتر سے بہتر بنانے کی مسلسل کوشش کرتا رہتا ہے۔ میر تقی میر نے بھی کائنات کو آئینہ خانہ سے تعبیر کیا ہے۔میر کا شعر ہے:
چشم ہو تو آئینہ خانہ ہے دہر
منھ نکل آتے ہیں دیواروں کے بیچ
دوسرے مصرع میں میر نے اس حقیقت کی طرف اشارہ کیا ہے کہ مرنے کے بعد انسان مٹّی بن جاتا ہے جس سے اینٹ بنائی جاتی ہے اور اینٹ سے دیوار۔اس لئے دیواروں سے بھی انسان کے منھ نکل سکتے ہیں۔
شیخ اکبر محی الدین ابنِ عربی نے بھی اپنی کتاب ’’فصوص الحکم‘‘ میں انسانِ کامل اور خدا کی حقیقت سے بحث کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا انسان کا اور انسان خدا کا آئینہ ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ اگر خدا انسان کا آئینہ ہے تو پھر خدا ہمیں نظر کیوں نہیں آتا؟اس کے جواب میں شیخ اکبر فرماتے ہیں کہ آئینہ میں دیکھنے سے صرف اپنا عکس نظر آتا ہے نہ کہ آئینہ۔وہ فرماتے ہیں کہ آئینہ میں دیکھتے وقت اگر آئینہ نظر آنے لگے تو وہ آئینہ ہر گز نہیں ہو سکتا۔وہ صرف کانچ کا ایک ٹکرا ہے۔اسی لئے خدا کے اندر دیکھنے سے دیکھنے والا صرف اپنے آپ کو دیکھتا ہے خدا کو نہیں دیکھ سکتا۔اسی طرح خدا بھی انسانِ کامل میں خود کو دیکھتا ہے۔بہر حال آئینہ کا استعمال حقیقی معنوں میں کیا جائے یا مجازی معنوں میں کیا جائے آئینہ خود کو اور سب کو دیکھنے کا ایک ذریعہ ہے۔
آئینے میں اگر کائی عیب نہ ہو تو وہ خارجی معروضات کو جوں کا توں منعکس کر دیتا ہے۔اس لئے آئینہ اگر دیکھنے والے کی رعنائی کے متعلق کہہ سکتا ہے تو وہ عیب اور خامیوں کے متعلق بھی کہہ سکتا ہے۔یعنی آئینہ خود کی حقیقت اور دنیا کی حقیقت جاننے کا وسیلہ ہے۔انسان اگر اپنی قیمت اور حقیقت کو پہچان لے تو خود احتسابی کر سکتا ہے اور اپنی کمزوریوں اور کمیوں کو دور کر سکتا ہے۔شاید اسی لئے فریدی نے آئینہ کا استعمال کثرت سے کیا ہے۔انہوں نے آئینے کا استعمال زیادہ تر فلسفیانہ معنوں میں کیا ہے بعض اشعار میں تو وہ فکر کی انتہائی بلندی پر نظر آتے ہیں۔ مثلاً یہ شعر ملاحظہ کیجئے:
کیا ہوا جسم کے بام و در لُٹ گئے، دل کے آنگن میں ہنگامہ ہوتا رہا
روح کے آئینے کو سجاتے رہو بیتے لمحوں کی پرچھائیاں ہی سہی
اس شعر میں فریدی صاحب نے روح کے آئینے کو سجانے کی بات کہی ہے جس کا مطلب ہے روح کے آئینے میں اس (روح)کی اصل حقیقت کو پہچاننا۔ اور اس کی اصل حقیقت یہ ہے کہ یہ یکتا و یگانہ اور ذاتِ مطلق ہے اور اس کے وجود کی نوعیت خدا کی پیدا کردہ خارجی دنیا سے مختلف ہے۔اس کے علاوہ اس کا طبعی رجحان خدا کے حکم کی تعمیل کرنے کی جانب تھا جو اب بیتے لمحوں کی پرچھائیوں کی مانند ہے کیوں کہ تجسیم کے عمل کے بعد اس میں سرکشی کی خصوصیت پیدا ہو گئی۔پھر بھی اس کا تعلق ذاتِ مطلق سے ہے اس لئے ہمیں اس کی اصل حقیقت کو ذہن میں رکھتے ہوئے خارجی نفع یا نقصان کی فکر نہیں کرنا چاہئے۔بلکہ اس بات سے ہمیں خوش ہونا چاہئے کہ روح کے مناسبت سے انسان خدا کا جز ہے جو انسان کے لئے بہت بڑی بات ہے۔ فریدی نے ایک شعر میں چاک قبا کا آئینہ سے مراد وہ آئینہ لیا ہے جس میں جنوں کی صفات اور قدرو قیمت کو دیکھا جاسکے۔تاکہ ہوشمند لوگوں کے ہوش ٹھکانے آ جائیں۔ شعر یہ ہے:
چاک قبا کا آئینہ دیکھ کے دنگ رہ گئے
سنگ اٹھا کے چل دیے دشت سے ہوشمند لوگ
فریدی کا شعر ہے:
جو ترک طلب سے پہلے تھا دل کا وہی عالم آج بھی ہے
آئینہ نہیں بدلا جاتا تصویر بدلتی رہتی ہے
مندرجہ بالا شعر میں آئینہ دل کا استعارہ ہے اور بدلتی ہوئی تصویر ضرورت کی نئی نئی چیزوں کا استعارہ ہے۔جو شخص ’’نفسِ مطمئنہ‘‘ حاصل کر چکا ہو اس کے لئے ترک طلب بہت آسان ہے لہٰذا کوئی بھی نئی چیز اس کے ارادے کو ہلا نہیں سکتی۔ ایک اور شعر ہے:
سنگِ ملامت لے کے تم جس کو چلے ہو توڑنے
اے ناصحو تم نے کبھی وہ آئینہ دیکھا بھی ہے
فریدی نے اس شعر میں آئینہ کا استعمال دل کے معنوں میں کیا ہے۔ناصح پرطنز کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جس انسان کو سنگِ ملامت کا نشانہ بنا رہے ہو کبھی تم نے اس کے دل کو بھی دیکھا ہے۔
پڑتی ہے نظر ہاتھ مگر اب نہیں بڑھتے
ٹوٹا ہوا آئینہ ہوں رستے میں پڑا ہوں
فریدی نے اس شعر میں بھی ترک طلب کی بات کی ہے۔متوجہہ کرنے والی دنیا کی ہر چیز پر ان کی نظر پڑتی ہے لیکن اس کی طرف ہاتھ نہیں بڑھتے۔ لیکن اہلِ دنیا ترک طلب کی اہمیت سے بے خبر انہیں بے کار کی چیز سمجھ کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔
گرد آئینہ کا مخالف یا ضد ہے کیوں کہ یہ آئینہ کو دھندلا دیتی ہے۔گرد آئینہ پر ہو یا چہرے پر دونوں صورتوں میں چہرہ صاف نظر نہیں آتا۔بعض شعرا نے گرد و غبار کو بیتے ہوئے دنوں کے المیہ سے تعبیر کیا ہے۔فریدی کا ایک شعر ہے:
ہوائے وقت سے دھندلا گیا ہے آئینہ دل کا
مگر اب تک رُخِ آئینہ ساز آنکھوں میں پھرتا ہے
اس شعر میں فریدی نے بیتے ہوئے دنوں کی المیہ کو دھندلائے ہوئے دل کے آئینہ سے تعبیر کیا ہے۔اور آئینہ سازالمیہ پیدا کرنے والے کا استعارہ ہے۔
ایک دوسرا شعر ہے:
ہستی کے ہر اک موڑ پہ آئینہ بنا ہوا ہوں
مِٹ مِٹ کے ابھرتا ہوا نقشِ کفِ پا ہوں
مندرجہ بالا شعر میں فریدی نے آئینہ کا استعمال حیران یا ششدر ہونے کے مفہوم میں کیا ہے۔کہتے ہیں کہ زندگی کے ہر موڑ پر حیران ہوں کیوں کہ بار بار نقشِ کفِ پا کی طرح مٹ مٹ کر ابھرتا ہوں۔ مٹ مٹ کر ابھرنے میں ایک خطرہ یہ بھی ہے کہ کہیں وجود کی سالمیت باقی نہ رہے۔
لیکن زندگی نے انہیں ہر کڑے وقت پر آئینہ دکھایا ہے یعنی صحیح راستہ دکھایا ہے اور جینے کا حوصلہ دیا ہے:
ہر کڑے وقت پہ آئینہ دکھایا ہے مجھے
زندگی تو نے بڑے پیار سے برتا ہے مجھے
فریدی کا ایک مشہور شعر ہے:
کیا عرضِ ہنر لفظ پرستوں میں فریدی
آئینے کے ہاتھوں پہ حنا باندھ رہا ہوں
’’آئینے کے ہاتھوں پہ حنا باندھنا‘‘ محاورہ ہے۔حنا کا رنگ ہاتھوں میں آ سکتا ہے لیکن آئینے میں اس کا رنگ نہیں چڑھ سکتا ہے۔ مراد یہ ہے کہ جو شخص نصیحت قبول کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا ہو اسے نصیحت کرنا وقت برباد کرنے کے برابر ہے۔فریدی نے لفظ پرستوں پر طنز کرتے ہوئے اس محاورے کا بے حد خوبصورت استعمال اس شعر میں کیا ہے۔
محبوب اپنے حسن اور حسن کی تاثیر سے اکثر بے خبر رہتا ہے لیکن جب آئینہ دیکھتا ہے تو خود پر عاشق ہو جاتا ہے اس کے بعد اسے احساس ہوتا ہے کہ وہ کتنا حسین ہے۔فریدی نے کئی اشعار میں آئینہ حسن کو دیکھنے کے معنوں میں استعمال کیا ہے۔وہ محبوب سے مخاطب ہو کر کہیں یہ کہتے ہیں کہ اگر تمہیں میری باتوں پر یقین نہ ہو تو تم خود آئینے میں اپنے آپ کو دیکھو اس کے بعد تمہیں میرے صاحبِ نظر ہونے کا اندازہ ہو گا۔شعر ملاحظہ کیجئے:
ملا کے ہم سے نظر آئینہ ذرا دیکھو
کہاں ملیں گے تمہیں صاحبِ نظر ہم سے
اس موضوع پرحسرت کا یہ شعر بھی قابل تعریف ہے:
آئینہ کہے گا کیا کیا تجھ میں ہے رعنائی
پوچھ اس سے اپنی قیمت تیرا ہے جو شیدائی
فریدی کبھی یہ کہتے ہیں کہ انہوں نے محبت ترک کر دی ہے اس لئے اپنے حسن کا واسطہ دے کر اب انہیں بلانے سے کیا فائدہ:
میں گیا وقت ہوں اے زہرہ وشو، گُل بدنوں
آئینہ ہاتھ میں لے کر مجھے آواز نہ دو
فریدی کا ایک دوسرا شعر ہے:
بس گئی ہیں اب اس میں بستیاں جمالوں کی
آئینہ تو آیا تھا ان کے رو برو تنہا
مندرجہ بالا شعر میں آئینہ کنایتاً محبوب یا اس کی صورت کا استعارہ ہے۔اس شعر میں کہا گیا ہے کہ محبوب تو میرے سامنے تنہا آیا تھا لیکن اس کے حسن کا یہ کرشمہ ہے کہ میری آنکھوں میں جمالوں کی بستیاں بس گئیں ہیں۔
ایک اور شعر ملاحظہ کیجئے:
دیر تک ساتھ نہ دے گا یہ جہانِ گزراں
محفلِ دہر کو تم آئینہ بن کر دیکھو
اس شعر میں آئینہ بننے سے مراد حیرت زدہ ہونا ہے۔
٭٭٭

خوش نوا صبا اور خوش ادا فریدی

تاج محل اور غالب کی شاعری فنونِ لطیفہ کی اعلیٰ ترین مثال ہیں اور ان دونوں کا تعلق آگرہ سے ہے۔فنون لطیفہ کے اعتبار سے آگرہ کی سرزمین بے حد زرخیز ہے کہ اس سرزمین نے تاج محل اور غالب کے علاوہ میر تقی میر، نظیر اکبر آبادی، سیماب اکبر آبادی، میکش اکبر آبادی، اخضر اکبر آبادی،صبا اکبر آبادی اور مغیث الدین فریدی جیسے شعرا کو پیدا کیا۔
ان شعرا میں جدید عہد کے صبا اکبر آبادی اور مغیث الدین فریدی خاص اہمیت کے حامل ہیں جنہوں نے اپنی شاعری سے اردو دنیا کے قاری کو نہ صرف متاثر کیا بلکہ مابعد کی نسل پر گہرے اثرات بھی ڈالے ہیں۔ ان دونو ں شعرا کی عمر میں ٨١ سال کے فرق کے ساتھ استاد اور شاگرد کا رشتہ بھی تھا اور دونوں ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست بھی تھے۔لیکن تقسیم ہند کے بعد صبا اکبر آبادی پاکستان ہجرت کر گئے اور پاکستان کے ادبی افق پر درخشاں ستارے کی طرح چمکتے رہے جبکہ مغیث الدین فریدی نے ہندوستان کی مٹی کو ہی مسکن بنایا اور یہیں درس و تدریس کے ساتھ شاعری کی مختلف اصناف میں قادر الکلامی کا جوہر دکھاتے رہے۔
صبا اکبر آبادی کی تخلیقات میں حمد و نعت کا مجموعہ ’’ذکر و فکر‘‘، غزلوں کے مجموعے ’’اوراقِ گُل‘‘، ’’چراغِ بہار‘‘ اور ’’ثبات‘‘،مرثیے کے مجموعوں میں ’’سر بکف‘‘، ’’شہادت‘‘، اور ’’خونناب‘‘ بے حد مشہور ہیں۔ اس کے علاوہ عمر خیام کی رباعیوں کا منظوم (رباعی کے فارم میں )اردو ترجمہ’’دستِ زرفشاں ‘‘ اور غالب کی فارسی رباعیوں کا اردو ترجمہ (رباعی کے فارم میں ) ’’ ہم کلام‘‘ شائع ہو چکے ہیں جو فنِ رباعی میں ان کی مہارت کی دلیل ہے۔غالب کی تمام غزلوں کے اشعار کی تضمین بھی صبا صاحب نے کی ہے جو ابھی تک شائع نہیں ہو سکی۔ مغیث الدین فریدی نے بھی شاعری کی تمام اصناف میں طبع آزمائی کی لیکن ناسازگار حالات اور قلندرانہ مزاج کی وجہ سے ان کے تخلیقی سرمائے محفوظ نہیں رہ سکے اس کے باوجود ان کی تخلیقات میں تحقیقی و تنقیدی نوعیت کی کتابوں کے علاوہ غزلوں کا مجموعہ ’’کفر تمنا‘‘ ان کے ایک عزیز شاگرد ڈاکٹر محمد فیروز دہلوی کی کوششوں سے اور قطعات تاریخ کا انتخاب ’’مغیث الدین فریدی اور قطعات تاریخ‘‘ ان کے دوسرے شاگرد ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کی کوششوں سے شائع ہوئے۔
جغرافیائی اعتبار سے صبا اور فریدی ایک دوسرے سے بہت دور لیکن فکری، فنی اور ذہنی اعتبار سے ایک دوسرے سے بے حد قریب تھے اور ایک دوسرے کی تخلیقی صلاحیتوں کے معترف بھی۔ فریدی صاحب کا مجموعہ کلام ’’کفر تمنا‘‘ کی کاپی موصول ہو نے پر ٧ جولائی ۱۹۸۸ کو ایک خط میں صبا اکبر آبادی نے لکھا ہے کہ:
’’آپ کا ارسال کردہ مجموعہ ’’کفر تمنا‘‘ ملا۔آپ جیسے مومن کے دل میں بھی کفرِ تمنا کے لیے جگہ نکلی۔اﷲ اﷲ،پڑھ کے ایمانِ تمنا زندہ ہو گیا۔ایک ایک مصرعہ آپ کی قدرتِ سخن کی گواہی دے رہا ہے۔آپ نے اپنے خرمنِ بے کراں سے چند خوشے ہی منظر عام پر لانے میں خاصی دیر کر دی۔اب تک تو آپ کے ایسے متعدد مجموعے شائع ہو جانے چاہیں تھے۔‘‘
صبا صاحب نے ان جملوں میں یہ کہہ کر کہ ’’آپ جیسے مومن کے دل میں بھی کفرِ تمنا کے لیے جگہ نکلی۔اﷲ اﷲ،پڑھ کے ایمانِ تمنا زندہ ہو گیا‘‘، فریدی صاحب کی شاعری کے اس پہلو پر بہترین تبصرہ کیا ہے جہاں وہ انسانیت کی سطح پر بہت بلند و بالا نظر آتے ہیں جس کی طرف پروفیسر قمر رئیس صاحب نے بھی اشارہ کیا ہے کہ:
’’فریدی صاحب کی شاعری نے کہیں کہیں وہ منزلیں بھی چھو لی ہیں جہاں بہت کم شاعر اس شان سے پہنچ پاتے ہیں اور اس عارفانہ سطح پر یا شعور تک پہنچ کر شعر کہہ پاتے ہیں ‘‘۔( کتاب نما کا خصوصی نمبر، مغیث الدین فریدی،شخصیت اور شاعری، ص ١٢)
`فریدی صاحب نے صبا اکبرآبادی پر کوئی مضمون نہیں لکھا لیکن ان کی غزلوں پرکی گئی تضمینوں، خراج عقیدت کے طور پر لکھے گئے اشعار اور قطعاتِ تاریخِ وفات کے مصرعوں میں ان کی شخصیت اور شاعری کے متعلق جو اشارے ملتے ہیں وہ تفصیلی مضمون کو محیط ہیں۔ اس مضمون میں انہیں اشاروں کی وضاحت کوشش کی گئی ہے جس سے صبا صاحب کی شخصیت اور شاعری پر روشنی پڑتی ہے ساتھ ہی فریدی صاحب کی تنقیدی بصیرت کا باب بھی وا ہوتا ہے۔
صبا صاحب کی تخلیقی شخصیت کی رفعت کے معترف فریدی صاحب ہمیشہ ہی رہے لیکن پہلی باران کی شاعری کے متعلق اپنی پسندیدگی کا اظہار انہوں نے اس وقت کیا جب دونوں ۱۹۴۲میں بھرت پور کے ایک مشاعرے میں شاعر کی حیثیت سے شریک ہونے جا رہے تھے۔اس مشاعرے میں پڑھنے کے لیے دونوں نے غزلیں کہی تھیں۔ ریل میں سفر کے دوران دونوں نے ایک دوسرے کو اپنی اپنی غزلیں سنائیں۔ صبا صاحب کی غزل یہ تھی۔
آنسو کو واپس آنکھ میں لا یا نہ جائے گا
موتی یہ گر پڑا تو اٹھایا نہ جائے گا
اپنے یہی جلے ہوئے تنکے سمیٹ لوں
اب اور آشیاں تو بنایا نہ جائے گا
وہ دن قریب ہیں کہ مرے عشق کا اثر
کوشش کرو گے اور چھپا یا نہ جائے گا
آنا، مگر یہ آنکھ کے آنسو تو پوچھ لوں
موجوں کی رو میں پاؤ ں جمایا نہ جائے گا
ہو ملتوی جزائے عمل شامِ حشر تک
ہم سے تو ایسی بھیڑ میں جا یا نہ جائے گا
اے فتنہ گر نمودِ مزارِ صبا تو ہے
کچھ روز میں نشان بھی پایا نہ جائے گا
یہ غزل فریدی صاحب کو اتنی پسند آئی کہ صبا صاحب غزل سناتے جا رہے تھے اور فریدی صاحب چپکے چپکے اس کی تضمین کرتے جا رہے تھے۔ بھرت پور پہنچ کر دونوں مشاعرے میں شریک ہوئے۔ فریدی صاحب چونکہ صبا صاحب سے چھوٹے تھے اس لیے غزل سنانے کے لیے انہیں پہلے بلایا گیا۔اس مشاعرے میں فریدی صاحب نے اپنی غزل سنانے کے بجائے صبا صاحب کی غزل پر کی گئی وہ تضمین سناکر نہ صرف صبا صاحب کو بلکہ تمام سامعین کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔ اس واقعہ کا ذکر فریدی صاحب نے اکثر اپنے شاگردوں اور دوستوں سے کیا ہے۔ اس واقعہ کی بابت صبا صاحب کے صاحب زادے سلطان جمیل نسیم نے فریدی صاحب کے مکتوب مورخہ ۱۵ جنوری ۱۹۹۴ کا حوالہ دیتے ہوئے ۲۷مارچ ۲٠٠۶ کے ایک خط میں راقم الحروف کو لکھا:
’’آپ نے گراں قدر کتاب(مغیث الدین فریدی اور قطعات تاریخ) میں جو قطعہ تاریخ شامل کیا ہے وہ میرے والد کی وفات پر مغیث صاحب نے مجھے بھی ارسال کیا تھا۔انہوں نے اپنے ایک خط میں یہ بھی لکھا تھا کہ ۱۹۴۱ء میں بھرت پور مشاعرے میں جاتے وقت ریل میں صبا صاحب غزل کہتے جاتے تھے اور وہ(مغیث صاحب) تضمین کرتے جاتے تھے۔انہوں نے اپنی تضمین بھی خط میں نقل کی ہے۔‘‘
سلطان صاحب نے اس خط کی فوٹو کاپی مجھے بھی بھیجی ہے جس میں فریدی صاحب نے انہیں اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے متذکرہ تضمین بھی نقل کی ہے جس کے بند یہ ہیں :
دامن سے داغِ اشک مٹا یا نہ جائے گا
پھر ضبط کے فریب میں آیا نہ جائے گا
ہم رو دیئے تو راز چھپا یا نہ جائے گا
آنسو کو واپس آنکھ میں لایا نہ جائے گا
موتی یہ گر پڑا تو اُٹھا یا نہ جائے گا

کب تک رہینِ کشمکشِ ضبط و غم رہوں
آرائشِ بہار کا سامان کیا کروں
اے روحِ درد اُٹھ، مدد اے ہمتِ جنوں
اپنے یہی جلے ہوئے تنکے سمیٹ لوں
اب اور آشیاں تو بنایا نہ جائے گا

آہیں بھرو گے بیکسی شوق دیکھ کر
آنسو نکل پڑیں گے اٹھاؤ گے جب نظر
میرا گمان ہو گا تمہیں اپنے عکس پر
وہ دن قریب ہیں کہ مرے عشق کا اثر
کوشش کرو گے اور چھپایا نہ جائے گا

طوفانِ اضطراب کی لہروں کو روک دوں
ٹھہرو ذرا کہ راہ تو ہموار کر سکوں
وہ دن خدا نہ لائے کہ تم سے گلہ سنوں
آنا، مگر یہ آنکھ کے آنسو تو پوچھ لوں
موجوں کی رو میں پاؤ ں جمایا نہ جائے گا
اے شعلہ غرورِ محبت ذرا بھڑک
توہین اہلِ عشق ہے انعامِ مشترک
کہہ دیں گے ہم خدا سے قیامت میں بے جھجک
ہو ملتوی جزائے عمل شامِ حشر تک
ہم سے تو ایسی بھیڑ میں جا یا نہ جائے گا

تو شکر کر کہ تیرا ستم بر ملا تو ہے
اک مشتِ خاک آئینہ دارِ وفا تو ہے
اک یاد گارِ عالمِ جورو جفا تو ہے
اے فتنہ گر نمودِ مزارِ صبا تو ہے
کچھ روز میں نشان بھی پایا نہ جائے گا

فریدی صاحب نے صبا صاحب کی غزل کے ہر شعر پر تین تین مصرعوں کے اضافے کر کے مخمس کے فارم میں تضمین کی اور پانچ مصرعوں کی ایک الگ اکائی بنا کر غزل کے تشنہ اشعار اور اس کے موضوع کو تشفی بخش بنا دیا۔ غزل کے اشعار کی رمزیت اپنے مفہوم کی توسیع اور توضیح کے لیے چند مصرعوں کی وسعت چاہتی ہے اور تضمین اسے وسعت عطا کرتی ہے۔اس تضمین کے بندوں کا تجزیہ پیش کیا جاتا ہے تاکہ تضمین کی قدر و قیمت کے تعین کے ساتھ یہ بھی اندازہ لگا یا جا سکے کہ دونوں شاعروں میں کس قدر ذہنی اور فکری مناسبت تھی اور تضمین کے بعد غزل کے ا شعار میں معنی و مفہوم اور شعری فضا کے اعتبار سے کیا کیا تبدیلیاں آئیں۔
تضمین کا پہلا بند: صبا صاحب کی پوری غزل ایک ہی موڈ میں ہے۔ اس غزل کے تمام اشعار میں کیف و اثر بھی ہے۔ اس غزل کا مطلع بھی بہت خوب ہے۔صبا صاحب نے اس شعر میں آنسو کی بوند کو موتی سے تشبیہ دی ہے جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ آنسو کوئی ایسی چیز نہیں ہے جسے یونہی ضائع کیا جائے۔ اس میں رمز کا پہلو بھی ہے جس کی وجہ سے یہ نہیں معلوم ہوتا کہ آنسو قیمتی کیوں ہے اور اس کے گر جانے سے نقصان کیا ہے؟۔ فریدی صاحب نے اس رمز کا فائدہ اٹھا کر اس میں بین المتونیت خلا پیدا کیا تین مصرعوں کا اضافہ کر کے شعر کی عمومیت اور بیان کی نوعیت کو بدل دیا ہے اور اس میں یہ نقطہ پیش کیا کہ آنسو گرتے ہی راز محبت کھل جائے گا کیوں کہ غمِ محبت کو چھپانے کی بہت کوشش کی گئی لیکن یہ کوشش فریبِ ضبط ثابت ہوئی۔ لہٰذا ایسی صورت حال میں آنسوو ں کو ضائع نہیں کرنا ہی مناسب ہے۔ تضمین کے مصرعوں سے فریدی صاحب نے اصل شعر کی توجیہ پیش کی ہے۔اس شعر میں جو روانی اور کیف و اثر ہے وہی روانی اور کیف و اثر تضمین شدہ مصرعوں میں بھی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ تضمین کے تینوں مصرعے ایک ہی شاعر کے کہے ہوئے ہیں۔
دوسرا بند: صبا اکبر آبادی کے شعر میں مایوسی اور سکوت کی کیفیت ہے۔ انہوں نے اپنے شعر میں یہ کہہ کر کہ دوسرا آشیاں بنانا مشکل ہے اس لیے جلے ہوئے تنکے ہی سمیٹ لیے جائیں، بے بسی، لاچارگی اور محرومی کا احساس دلایا ہے۔ فریدی صاحب نے تضمین کے پہلے مصرعے میں ’’کشمکشِ ضبط و غم‘‘ کے استعمال سے بے زاری کا اظہار کیا ہے۔ اس میں ضبط غم سے نجات پانے کی کوشش بھی موجود ہے۔ تیسرے مصرعے میں روحِ درد اور ہمتِ جنوں کو ایک طاقت کی شکل میں پیش کیا گیا ہے جو جلے ہوئے تنکے سمیٹ لینے میں ہمت اور حوصلہ دیتی ہے۔یعنی اصل شعر میں جو سکوت ہے اسے ہلچل میں بدل دیا ہے اور احساس تباہی کو چیلنج سمجھ کر ہمت سے اس کا سامنا کرنے کی ترغیب دے دی ہے۔اس طرح تضمین کے مصرعوں سے اصل شعر کی پوری فضا بدل جاتی ہے جو اچھی تضمین کی مثال ہے۔
تیسرا بند:صبا صاحب نے اپنے شعر میں صرف یہ کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب محبوب میرے عشق کے اثر کو کوشش کے باوجود بھی نہیں چھپا سکے گا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتا یا کہ عشق کے اثر سے محبوب کو کن کن حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔فریدی صاحب نے اپنے تین مصرعوں کی مدد سے اصل شعر میں یہ کہہ کروسعت پیدا کر دی ہے کہ محبوب پر عشق کا اثر ایسا پڑے گا کہ وہ عاشق کے بیکسی شوق دیکھ کر آہیں بھرے گا،اس کی طرف دیکھ کر رونا آئے گا اور خود اپنے عکس پر اسے محبوب کا گمان ہو گا۔ایسے حالات میں کوشش کے باوجود محبوب عشق کے اثر کو کیسے چھپا پائے گا۔
چوتھا بند:صبا اکبر آبادی اپنے شعر میں محبوب کو بلانا تو چاہتے ہیں لیکن اس سے پہلے اپنے آپ کو سنبھالنا چاہتے ہیں کیوں کہ ان کے آنسو ابھی تھمے نہیں ہیں۔ انہوں نے آنسوکی زیادتی کو ظاہر کرنے کے لیے اسے’’موجوں کی رو‘‘ سے تشبیہ دی ہے۔ صبا اکبر آبادی کے دوسرے مصرعے ’’موجوں کی رو میں پاؤ ں جمایا نہ جائے گا‘‘ میں جس ذہنی انتشار کا اظہار کیا گیا ہے اس کی شدّت کو مزید بڑھانے کے لیے فریدی صاحب نے اپنے پہلے مصرعے ’’طوفانِ اضطراب کی لہروں کو روک دوں ‘‘سے کام لیا ہے۔ صبا اکبر آبادی نے اپنے شعر میں محبوب کو بلانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے لیکن فریدی صاحب نے یہ کہہ کر اس کی توجیہ پیش کی کہ ’’وہ دن خدا نہ لائے کہ تم سے گلہ سنوں ‘‘سارا الزام محبوب پر دھر دیا ہے اور صبا صاحب کو محبت کے الزام سے بری کر دیا ہے۔
پانچواں بند :صبا اکبرآبادی کے شعر میں اس خواہش کا اظہار ہے کہ خدا جزائے عمل کی تقسیم شامِ حشر تک ملتوی کر دیں کیوں کہ ان سے اپنے نیک اعمال کا جزا حاصل کرنے کے لیے بھیڑ بھاڑ میں نہیں جایا جائے گا۔اس میں یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ خدا کے عام بندوں میں سے نہیں خاص بندوں میں سے ہیں۔ لیکن اس سے یہ نہیں معلوم ہوتا ہے کہ کیسے ؟۔فریدی صاحب نے تضمین شدہ مصرعوں میں یہ کہہ کر کہ ’’اے شعلہ غرورِ محبت ذرا بھڑک‘‘ یہ ظاہر کر دیا ہے کہ خدا کے تئیں جو محبت ہے وہ شعلہ کی مانند غیر معمولی ہے اور اس غیر معمولی محبت نے عاشق کے اندر یہ جرأت پیدا کر دی ہے کہ وہ خدا سے بے جھجک یہ کہہ سکیں کہ جزائے عمل شام حشر تک ملتوی کی جائے کیوں کہ انعام مشترک اہلِ عشق کے لیے توہین ہے۔ تضمین کے مصرعوں سے صبا اکبر آبادی کے شعر کی پوری فضا اور مفہوم میں وسعت پیدا ہو گئی ہے۔
چھٹا بند: صبا اکبر آبادی نے اپنے مقطع میں محبوب کو فتنہ گر سے خطاب کیا ہے اور یہ کہا ہے کہ ابھی تو مزارِ صبا کا نشان باقی ہے لیکن کچھ دنوں میں یہ نشان بھی ختم ہو جائے گا۔اس شعر میں محبوب سے مزارِ صبا پر حاضر ہو کر بے وفائی کے الزام کو دھونے کی طرف اشارہ ہے۔لیکن فریدی صاحب نے یہ کہہ کر کہ محبوب کا ستم برملا ہے اور ’’اک مشتِ خاک‘‘ جو اس نے مزارِ صبا پر رکھی تھی وہ اس کی وفا کا آئینہ دار ہے۔ اس لیے یہ ’’اک یادگارِ عالمِ جور و جفا ‘‘بھی ہے صبا اکبر آبادی کے شعر کا مفہوم بدل دیا ہے۔
صبا اکبرآبادی کی غزلوں پر تضمین کا یہ سلسلہ جاری رہا اور فریدی صاحب نے ان کی اور بھی غزلوں پر تضمینیں کیں اور ان کے افکار کو نئی جہتوں سے آشنا کیا اور نئی وسعتوں سے ہمکنار کیا۔ جولائی ۱۹۸۸ میں صبا صاحب کا مجموعہ کلام ’’ثبات‘‘ فریدی صاحب کو موصول ہوا تو انہوں نے اس کتاب پر مضمون کی شکل میں اظہار خیال نہیں کیا لیکن ٦ نومبر۱۹۸۸ میں صبا صاحب کو ایک خط میں لکھتے ہیں :
’’ثبات کی دیدہ زیب طباعت کی مبارک باد قبول کیجیے۔ کلام پر رائے کیا دوں بارہا اپنی عقیدت کا اظہار کر چکا ہوں۔ یہاں ثبات کو صحیفے کے طور پر لوگ دیکھ رہے ہیں ‘‘۔
فریدی صاحب اپنے خط میں یہ جملہ لکھ کر کہ ’’یہاں ثبات کو صحیفے کے طور پر لوگ دیکھ رہے ہیں ‘‘ اس کتاب کی قدر و قیمت پر اپنی رائے بھی دی ہے اور اپنی عقیدت کا اظہار بھی کیا ہے۔صرف اتنا ہی نہیں انہوں نے ’’ثبات‘‘ میں شامل ایک غزل کی تضمین کر کے بھی اپنی عقیدت کا اظہار کیا ہے اور یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ ’’صبا کا ہم نوا میں بھی رہا ہوں ‘‘۔ فریدی صاحب نے جس غزل کی تضمین کی ہے وہ یہ ہے:
مئے تلخِ ضعیفی پی رہا ہوں
جوانی کی سزا میں جی رہا ہوں
میسر کب ہوئی منزل جنوں کی
خرابِ ہوش و آگا ہی رہا ہوں
زمانے نے مجھے بدلا نہیں ہے
کہ میں جیسا تھا ویسا ہی رہا ہوں
فضا دیکھی ہے ہر اک سرزمیں کی
ہمیشہ اکبرآبادی رہا ہوں
بزرگوں کی روایت کو بچائے
شکستہ قلعہ کا فوجی رہا ہوں
گدائی کر کے بابِ مصطفی پر
صبا دنیا سے مستغنی رہا ہوں

اس غزل کی تضمین یہ ہے۔

اسیرِ سحرِ خوش فہمی رہا ہوں
ہلاک جادوئے ہستی رہا ہوں
صبا کا ہم نوا میں بھی رہا ہوں
مئے تلخِ ضعیفی پی رہا ہوں
جوانی کی سزا میں جی رہا ہوں
مئے الفت بقدرِ ظرف پی لی
مگر قسمت میں سر مستی نہیں تھی
گزاری ہے یوں ہی بس عمر ساری
میسر کب ہوئی منزل جنوں کی
خرابِ ہوش و آگا ہی رہا ہوں

یہ دل شوریدہ ہے رسوا نہیں ہے
یہ دامن چاک ہے میلا نہیں ہے
ضعیفی میں بھی سر جھکتا نہیں ہے
زمانے نے مجھے بدلا نہیں ہے
کہ میں جیسا تھا ویسا ہی رہا ہوں

نہ راس آئی ہوا مجھ کو کہیں کی
کشش تڑپاتی ہے اب تک وہیں کی
بسی ہے یاد اس ارضِ حسیں کی
فضا دیکھی ہے ہر اک سرزمیں کی
ہمیشہ اکبرآبادی رہا ہوں
گزارے ہیں یونہی کتنے زمانے
حقیقت کل بنیں گے یہ فسانے
میں اپنے قصرِ ماضی کو سجائے
بزرگوں کی روایت کو بچائے
شکستہ قلعہ کا فوجی رہا ہوں

ادب سے رکھ دیا اس خاک پر سر
جہاں کے سنگریزے لعل و گہر
فریدی یہ نصیب اﷲ اکبر
گدائی کر کے بابِ مصطفی پر
صبا دنیا سے مستغنی رہا ہوں

متذکرہ غزل کی تضمین بھی فریدی صاحب نے مخمس کے فارم میں کی۔ غزل کے ہر شعر میں تین تین مصرعوں کی تضمین کر کے انہوں نے پانچ پانچ مصرعوں کی ایک الگ اکائی بنائی۔مخمس کے فارم میں تضمین کی روایت بہت پرانی لیکن کامیاب اور مقبول ہے۔ اس فارم میں تضمین کی مقبولیت کی وجہ پچھلے سطور میں بتایا جا چکا ہے کہ غزل کے شعر کی رمزیت تضمین کے مزید تین مصرعوں کی متقاضی ہوتی ہے۔اب تضمین کے ہر بند کا تجزیہ پیش کیا جاتا ہے۔
پہلا بند:صبا صاحب نے اپنے مطلع میں ضعیفی کو تلخ شراب اور زندگی کو جوانی کی سزا قرار دے کر یہ ظاہر کیا ہے کہ دونوں کو جھیلنا انسان کی مجبوری ہے۔فریدی صاحب نے صبا صاحب کے شعری مفہوم کووسعت دیتے ہوئے جوانی کو خوش فہمی کا سحر اور زندگی کو موت سے تعبیر کر کے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ’’صبا کا ہم نوا میں بھی رہا ہوں ‘‘ تضمین کادوسرا بند یہ ہے۔
دوسرا بند:اکثر شاعروں نے خِرد پر جنوں کو ترجیح دی ہے کیوں کہ خرد کے مقابلے میں جنوں کی قوتِ ادراک زیادہ ہو تی ہے۔ صبا صاحب نے اپنے شعر میں صرف یہ کہا ہے کہ انہیں ہوش و آگاہی میں کامیابی نہیں ملی کیوں کہ جنوں کی منزل تک وہ پہنچ نہیں پائے۔ فریدی صاحب نے تضمین شدہ مصرعوں کی مدد سے صبا اکبر آبادی کے شعر کے مفہوم کی تشریح و توضیح پیش کی ہے اور تضمین کے پہلے اور دوسرے مصرعے سے اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ محبت کی شراب پینے سے جنوں کی کیفیت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنے ظرف کے مطابق الفت کی شراب تو ضرور پی لیکن جنوں ان کی قسمت میں تھی ہی نہیں۔ تضمین کا تیسرا مصرع صبا صاحب کے شعر سے پوری طرح پیوست ہو گیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ پورا بند ایک ہی شاعر کا کہا ہوا ہے۔ تضمین کا چوتھا بند یہ ہے۔
صبا صاحب نے اپنے شعر میں ایک عام بات کہی تھی کہ زمانہ انہیں بدل نہیں سکا لیکن ان کے شعر سے یہ نہیں معلوم ہوتا ہے کہ کس معاملے میں زمانے نے انہیں نہیں بدلا۔فریدی صاحب نے اپنے تضمین کے مصرعوں سے اصل شعر کے مفہوم کو ایک خاص جہت عطا کر کے اس میں وسعت پیدا کی اور صبا صاحب کی شخصیت میں انا کے پہلو کو پیدا کر دیا۔فریدی صاحب نے اپنے پہلے مصرع میں یہ کہہ کر کہ دل شوریدہ ہے رسوا نہیں اوردوسرے مصرعے میں یہ کہہ کر کہ دامن چاک ہے میلا نہیں صبا صاحب کی پاکیزہ شخصیت کی طرف اشارہ کیا ہے۔ اور تیسرے مصرعے میں یہ کہہ کر کہ ’’ضعیفی میں بھی سر جھکتا نہیں ہے‘‘۔اصل شعر کے مفہوم کو نئی جہت عطا کر دی۔ صبا صاحب سے فریدی صاحب کے گہرے تعلقات کے بنا پر انہیں یہ معلوم تھا کہ ان کے شعر کے مفہوم میں کس طرح کی جہت ان کی شخصیت کے عین مطابق ہو گی۔ تضمین کا پانچواں بند ملاحظہ کیجئے۔
صبا اکبر آبادی نے اپنے شعر میں یہ کہہ کر کہ اکبرآباد(آگرہ) سے ہجرت کر جانے کے باوجود بھی انہوں نے اپنے آپ کو ہمیشہ اکبرآبادی ہی سمجھا ہے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ انہیں اپنے آبائی وطن سے آج بھی اتنی ہی محبت ہے جتنی پہلے تھی۔ اصل شعر کے پہلے مصرعے ’’فضا دیکھی ہے ہر اک سرزمیں کی‘‘ کی مناسبت سے فریدی صاحب نے تضمین کا پہلا مصرع یہ کہا کہ ’’نہ راس آئی ہوا مجھ کو کہیں کی‘‘۔ اسی طر ح اصل شعر کے دوسرے مصرعے ’’ہمیشہ اکبرآبادی رہا ہوں ‘‘ کی مناسبت سے تضمین کا دوسرا مصرع ’’کشش تڑپاتی ہے اب تک وہیں کی‘‘ اور تیسرا مصرع’’بسی ہے یاد اس ارضِ حسیں کی‘‘ کہہ کر صبا صاحب کے شعر کی توضیح و تشریح پیش کی ہے۔
چھٹا بند: صبا صاحب نے اپنے شعر میں اپنے آپ کو پرانی روایت اور پرانی قدروں کا امین بتانے کی کوشش کی ہے۔فریدی صاحب نے بھی اپنے تضمین کے مصرعوں کی مدد سے اصل مفہوم کی وضاحت کی ہے۔
ساتواں بند: صبا صاحب نے اپنے مقطع میں حضور اکرم کے تئیں بے پناہ محبت اور دنیا کی چمک دمک سے بے نیازی کا اظہار کیا ہے۔فریدی صاحب نے تضمین کے پہلے اور دوسرے مصرعے میں مدینہ منورہ کی زیارت کی طرف اشارہ کر کے اور تیسرے مصرعے میں یہ کہہ کر کہ ’’فریدی یہ نصیب اﷲ اکبر ‘‘صبا صاحب کے بابِ مصطفی پر گدائی کر نے اور دنیا سے مستغنیٰ رہنے کو عظیم عمل قرار دیا ہے اور ان کی اس قسمت کو ناز کے قابل بتایا ہے۔ فریدی صاحب نے اپنے پہلے اور دوسرے مصرعے میں جس خاک پر سر رکھنے کی بات کی ہے وہ اشارہ ہے عرب کی اس سر زمین کی طرف جہاں حضرت محمّد پیدا ہوئے۔ وہاں کی خاک وہ مبارک خاک ہے جہاں کے سنگریزے بھی لعل و گہر ہیں۔
زیر بحث دونوں غزلوں کے علاوہ فریدی صاحب نے صبا اکبرآبادی کے ایک مشہور ’’سلام‘‘ کے چار اشعار پر بھی تضمین کی ہے جو ۱۹۸۸ کے محرم کے مہینے میں All India Radio کے External Service سے نشر ہوا تھاجس کا ذکر فریدی صاحب نے ١١ نومبر ۱۹۸۸ میں صبا صاحب کو لکھے ایک خط میں کیا ہے۔ اس سلام کا مطلع یہ ہے:
کام یوں معرکہ کرب و بلا آتا ہے
آج تک صبر کا دستور چلا آتا ہے
فریدی صاحب نے تضمین کے مصرعوں کی مدد سے صبا صاحب کے بیشتر اشعار کی توضیح و توجیہ پیش کی ہے اور بعض اشعار کو نئی جہت و نیا مفہوم عطا کیا ہے۔ صبا صاحب کے اشعار میں جو کیفیت اور روانی پائی جاتی ہے وہی کیفیت اور روانی فریدی صاحب نے تضمین کے مصرعوں میں پیدا کر کے صبا صاحب کی لَے سے لَے ملا دیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ان کی غزلوں کو کس قدر پسند کرتے تھے۔متذکرہ تضمینوں سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ دونوں شعرا فکری، فنّی اور ذہنی طور پر ایک دوسرے سے کتنے قریب تھے۔ کیوں کہ کسی شاعر کے اشعار کی تضمین کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ تخلیقی سطح پر دونوں شعرا میں کافی مناسبت اور ذہنی ہم آہنگی ہو۔
فریدی صاحب نے نہ صرف صبا صاحب کی غزلوں اور سلام کے اشعار کی تضمین کر کے ان کی تخلیقات کے تئیں اپنی پسندیدگی اور ذہنی ہم آہنگی کا ثبوت پیش کیا ہے بلکہ ان کی یاد میں اور شاعرانہ عظمت کے اعتراف میں نظمیں اور قطعات لکھ کر اپنی عقیدت اور محبت کا بھی ا ظہار کیا ہے۔
۱۹۴۷ میں پاکستان جانے کے بعد صبا صاحب جولائی ۱۹۵۴ میں آگرہ آئے تھے۔ آگرے میں ان کا پر جوش استقبال ہوا۔اس موقع پر فریدی صاحب نے ایک نظم لکھی اور آگرے سے واپس پاکستان جانے لگے تو ایک قطعہ لکھا جنہیں صبا صاحب بطور سوغات پاکستان لے گئے۔یہ دونوں ’’جہان حمد‘‘ کے ’’صبا اکبرآبادی:حمد و نعت نمبر‘‘ میں شائع ہو چکے ہیں۔ صبا صاحب کے فریدی صاحب سے تعلقات، متذکرہ نظم اور آگرے کے سفر کے متعلق ان کے بیٹے سلطان جمیل نسیم صاحب نے راقم الحروف کو ۲۷ مارچ ۲٠٠۶ کے ایک خط میں لکھا ہے کہ:
’’مرحوم مغیث الدین فریدی میرے والد حضرت صبا اکبر آبادی کے شاگرد ودوست تھے۔۱۹۴۷ء تک یہ سلسلہ قائم رہا، پھر میرے والد اہل و عیال کے ساتھ پاکستان آ گئے۔جولائی ۱۹۵۴ء میں آگرہ گئے تو مغیث صاحب سے ملاقات ہوئی۔واپس آئے تو ان کے ساتھ مغیث صاحب کی ایک نظم،ایک قطعہ اور ایک گروپ فوٹو تھا‘‘۔
فریدی صاحب نے صبا صاحب کے آگرہ آنے کے بعد ان کے استقبال میں جو نظم لکھی تھی وہ یہ ہے۔

اے دیارِ آگرہ اے مرکز ارباب فن
اے ادب گاہ نظیر اے میر و غالب کے وطن
تربیت گاہ غزل، گہوارہ حسن سخن
تیرے ساغر میں ہے اب تک کیفِ صہبائے کہن
فخر دہلی تیرے شاعر تھے، جوابِ لکھنو
آج بھی ہیں اخضر و میکش غزل کی آبرو
انقلابِ دہر اب رفتار کو اپنی بدل
اے بہارِ عیشِ رفتہ خاک گلشن سے ابل
چھیڑ دے نغمہ، کھلا دے دل کے افسردہ کنول
کوئی رعنا کی رُباعی یا صبا کی اک غزل
آئے ہیں یہ عمرِ رفتہ کو صدا دیتے ہوئے
یہ نہ سمجھیں ہم وطن میں اجنبی بن کر رہے
اے وطن اس جذبہ حب وطن کی داد دے
یہ کراچی سے یہاں آئے ہیں تجھ کو دیکھنے
تیرے ذرّے بن کے مہر و ماہ بھی تیرے رہے
تجھ سے چھٹ کر بھی وہی ہے ربط تیرے نام سے
خود کراچی میں رہے اور آگرہ میں دل رہا
سوزِ پروانہ شریک گرمی محفل رہا
ذرّہ ذرّہ میں یہاں ان کے ترانے جذب ہیں
شوق کے قصے، غمِ دل کے فسانے جذب ہیں
تاج کے دامن میں غزلوں کے خزانے جذب ہیں
عمر کے رنگین اور نازک زمانے جذب ہیں
یاد ان لمحاتِ رنگیں کی دلانے آئے ہیں
خود بھی رونے آئے ہیں ہم کو رلا نے آئے ہیں
چار بندوں پر مشتمل اس نظم کے ہر بند کا تجزیہ پیش کیا جاتا ہے تاکہ یہ اندازہ لگا جا سکے کہ صبا صاحب کی شاعری اور شخصیت کے متعلق فریدی صاحب کی سوچ کیا تھی۔
پہلا بند: آگرے کی تاریخی اور ادبی اہمیت کو ظاہر کرنے کے لیے فریدی صاحب نے اس بند میں تمہید کے طور پر پہلے تو سرزمین آگرہ کو ارباب فن، ادب گاہ نظیر، تربیت گاہ غزل اور گہوارہ حسنِ سخن جیسے صفات سے خطاب کرتے ہوئے بتا یا کہ یہ وہ سر زمین ہے جہاں میر و غالب جیسے شعرا پیدا ہوئے جو دہلی کی ادبی و شعری محفلوں کی شان تھے جن کی بدولت دہلی کا دبستان وجود میں آیا اور جنہوں نے اپنے کمالات سے دبستانِ لکھنو کے شاعروں کے فن کا جواب دیا۔ آخر میں یہ کہہ کر کہ ’’تیرے ساغر میں ہے اب تک کیفِ صہبائے کہن‘‘ اخضر و میکش جیسے شعر ا غزل کی آبرو اور ان کے اشعار میں پائی جانے والی کیفیت کو ’’کیفِ صہبائے کہن‘‘ سے تعبیر کیا اور کیفِ صہبائے کہن سے مراد میر و غالب و نظیر کی شاعری کی وہ خصوصیات ہیں جو عہد جدید کے شاعروں میں منتقل ہوتی جا رہی ہے۔ چوتھے اور چھٹے مصرعے سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ متذکرہ شاعری کی یہ روایت ابھی ختم نہیں ہوئی ہے بلکہ یہ سلسلہ اسی آب و تاب سے ہنوز جاری ہے۔
دوسرا بند: آگرے کے شاندار ماضی کاواسطہ دیتے ہوئے دوسرے بند میں فریدی صاحب نے انقلابِ دنیا سے اپنی رفتار بدلنے اور بہارِ عیشِ رفتہ کو خاک گلشن سے ابلنے کے لیے کہا یعنی وہی پرانی شعری فضا پھر سے پیدا کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے جس کے نغموں سے ساری دنیا جھوم اٹھتی تھی ا ورجس کی محفل کی رونق سے سارا جہاں منور ہو اٹھتا تھا۔ایسی محفل سجانے کی آرزو اس لیے ہے کہ آج کی محفل میں صبا شمع محفل ہوں گے اور اس محفل میں انہیں اجنبیت کا احساس نہ ہو۔ محفل میں سرور و مستی پیدا کرنے کے لیے میر و غالب کی غزل کی ضرورت نہیں ہے بلکہ رعنا کی کوئی رباعی اور صبا کی کسی غزل کو چھیڑنے کی ضرورت ہے کیوں کہ ان کی شاعری بھی تو اسی خاک اور اسی آب ہوا کی خمیر کی دین ہے جس سے میر و غالب کی شاعری وجود میں آئی تھی۔
صبا صاحب کے استقبال کے لیے اس بند میں فریدی صاحب نیجس طرح کی محفل کا تصوّر پیش کیا ہے اور جو کیفیت اپنے اشعار میں پیدا کی ہے اس سے نہ صرف یہ معلوم ہوتا ہے کہ صبا صاحب کی شخصیت ان کے نزدیک کیا تھی بلکہ یہ بھی معلوم ہو تا ہے کہ فریدی صاحب کے اشعار بھی نئی بوتل میں پرانی شراب کی مانند ہیں۔
تیسرا بند: اس بند میں فریدی صاحب نے صبا صاحب کے جذبہ حب الوطنی کو ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ اہلِ آگرہ کو یہ احساس دلا یا جا سکے کہ آگرے میں ان کی آمد کس قدر باعثِ فخر ہے اور ایسے محب وطن کی شان میں شعرو شاعری کی محفل سجانا کتنا اہم ہے۔ اپنے وطن سے خطاب کرتے ہوئے وطن کے تئیں صبا صاحب کے جذبہ محبت کی داد فریدی صاحب نے وطن اور اہلِ وطن سے چاہی ہے کیوں کہ اپنے وطن کی محبت میں کراچی سے چل کر وہ آگرہ کو دیکھنے آئے ہیں۔ اس کے بعد فریدی صاحب نے صبا صاحب کو وطن کی خاک سے جدا ہونے والا وہ ذرّہ قرار دیا جو اب مہر و ماہ بن گیا ہے پھر بھی وطن کے لیے اس کے دل میں وہی محبت اور وہی ربط آج بھی باقی ہے کہ وہ کراچی میں رہ کر بھی آگرے کی یاد سے کبھی غافل نہیں ہوئے۔صبا صاحب کو مہر و ماہ قرار دینا بھی اس بات کا ثبوت ہے کہ فریدی صاحب کی نظر میں صبا صاحب کی شخصیت اور شاعری کی کیا قدر و قیمت ہے۔آخری بند ملاحظہ کیجئے۔
چوتھا بند: اس میں فریدی صاحب نے انتہائی جذباتی انداز میں پرانے دنوں کی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آگرے کے ذرّہ ذرّہ میں صبا صاحب کے ترانے،شوق کے قصّے، دل غم کے فسانے اور تاج کے دامن میں غزلوں کے خزانے، عمر کے رنگین و نازک زمانے وغیرہ جذب ہیں جن کی یاد دلانے کے لیے صبا صاحب کراچی سے آگرے آئے ہیں۔ فریدی صاحب نے اس بند میں ترانے، فسانے اور خزانے جیسے قافیے کی تکرار سے جہاں اپنے مصرعوں میں ترنم کی جھنکار پیدا کر دی ہے وہیں ان الفاظ سے یہ بھی بتانے کی کوشش کی ہے کہ دونوں نے تاج کے دامن میں بے شمار غزلیں کہیں جو آج بھی ان کی یادوں میں بسی ہوئی ہیں۔ بیتے ہوئے ان حسین لمحات میں فریدی صاحب چوں کہ ہر قدم پر ان کے ساتھ تھے اس لیے ان لمحات کے احساس کی شدت جتنی صبا صاحب کو تھی اتنی ہی فریدی صاحب کو بھی تھی جس کا اظہار بند کے آخری شعر میں اس طرح کیا ہے:
یاد ان لمحاتِ رنگیں کی دلانے آئے ہیں
خود بھی رونے آئے ہیں ہم کو رلا نے آئے ہیں
اس شعر میں دونوں کے درمیان دوستی اور محبت کے جو رشتے تھے اس کی گہرائی کی طرف بھی اشارے ملتے ہیں۔
پچھلے سطور میں ذکر کیا جا چکا ہے کہ صبا صاحب کے پاکستان واپس جاتے وقت فریدی صاحب اپنے جذبات کو روک نہیں پائے لہٰذا انہوں نے اپنے جذبات کے اظہار کے لیے ایک قطعہ بھی کہا تھا جس میں انہوں نے انہیں یادو ں کی کڑیوں کو جوڑتے ہوئے لکھا :
کلفٹن پر تمہیں جمنا کی یاد آئی تو کیا ہو گا
تصور میں ہوائے تاج لہرائی تو کیا ہو گا
وطن کی خاک سے دامن کشاں جاتے تو ہو لیکن
صبا تم کو وہاں یادِ وطن آئی تو کیا ہو گا
وطن سے دور چلے جانے کے بعد بھی صبا صاحب کا دل کبھی وطن سے دور نہیں رہا جس کا اظہار اکثر صبا صاحب نے اپنے اشعار میں کیا ہے۔ مندرجہ ذیل اشعا ر گواہ ہیں۔
فضا دیکھی ہے ہر اک سر زمیں کی
ہمیشہ اکبر آبادی رہا ہوں
چھٹ کر وطن سے اتنے غریب الوطن ملے
آزردگی عالم غربت نہیں رہی
آگرے میں اپنے بچپن کی یادوں کو اور خاص کر شام میں کبھی جمنا کے کنارے کے سیر سپاٹوں کو تو کبھی چاندنی راتوں میں تاج محل اور اس کے آس پاس کے نظاروں کو وہ کبھی بھلا نہیں پائے۔بیتے ہوئے دنوں کی انہیں یادوں کی روشنی میں فریدی صاحب نے مندرجہ بالا قطعہ صبا صاحب کی واپسی پر لکھ کر دیا تھا جو وطن کی محبت کے جذبے سے سرشار ہے۔’’کلفٹن‘‘ کراچی میں ایک ساحلی علاقہ ہے۔ 1954 میں جب فریدی صاحب نے یہ قطعہ کہا تھا اس زمانے میں کلفٹن ساحل پر ایک تفریح گاہ تھی۔اب وہاں ایک بستی آباد ہو گئی ہے جس کی آبادی دس بارہ لاکھ کے قریب ہے۔ ممکن ہے یہ تفریح گاہ آگرے میں جمنا کے کنارے کی جگہوں کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت ہو لیکن بچپن کی یادیں جس جگہ سے وابستہ ہو تی ہیں اس سے زیادہ حسین کوئی اور جگہ نہیں ہوسکتی۔ فطری اور عظیم شاعر و ادیب تو ہمیشہ اپنے بچپن میں جیتے ہیں کیوں کہ رات میں جگنوؤں کے جلنے،بجھنے اور آسمان میں ستاروں کے چمکنے،شام میں شفق رنگ میں نہائے ہوئے پیپل کے پیڑوں پر چڑیوں کے چہچہانے سے لطف اندوز ہو نے کے لیے بچپن کی آنکھوں کی ضرورت پڑتی ہے اور قدرت کے ان حسین مناظر سے لطف اندوز ہوئے بغیر اعلیٰ درجے کا ادب تخلیق کرنا ممکن نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایک فطری اور اعلیٰ درجے کا شاعر معصوم اور فطرتاً بچہ ہوتا ہے لیکن جب زندگی کا مشاہدہ پیش کرتا ہے تو ایک فلسفی معلوم ہوتا ہے۔ صبا صاحب اور فریدی صاحب ایسے ہی شاعروں میں سے تھے جو اپنے بچپن کی یادوں میں ہمیشہ کھوئے رہے لیکن جب مشاہدہ زندگی اور مطالعہ فطرت اپنے اشعار کی صورت میں پیش کیا تو ایک صوفی اور فلسفی معلوم ہوئے۔متذکرہ قطعے کے دوسرے مصرع میں یہ کہہ کر کہ ’’تصور میں ہوائے تاج لہرائی تو کیا ہو گا‘‘ تاج کو چھو کر گزرنے والی ہواؤ ں کی اس تاثیر کی طرف بھی ا شارہ کیا ہے جس نے میر، غالب، نظیر، میکش اوردوسرے تمام شاعروں کے فن میں وہی نزاکت اور لطافت پیدا کی جو تاج میں موجود ہے۔ تاج کو چھو کر گذرنے والی ہواؤ ں نے نہ جانے کتنی بار صبا صاحب کو بھی گلے لگایا ہو گا اور ان سے محظوظ و متاثر ہو کر نہ جانے صبا نے کتنی غزلوں کی تخلیق کی ہو گی جسے بھلانا آسان نہیں۔ ان تمام یادوں کو دل میں بسائے اور وطن کی خاک سے دامن کشاں جاتے ہوئے صبا سے فریدی کا یہ سوال کہ ’’صبا تم کو وہاں یاد وطن آئی تو کیا ہو گا‘‘ کس قدر مناسب، موزوں اور معصوم جذبے سے پُر ہے اور اس کے علاوہ وطن کی محبت کے جذبے سے کس قدر سرشار ہے۔
فریدی صاحب نے اپنی عقیدت اور محبت کا اظہار انتہائی جذباتی انداز میں اپنے قطعات میں اس وقت کیا جب صبا صاحب ۳۰ اکتوبر ۱۹۹۱ میں اس دنیائے فانی سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گئے۔آخری قطعہ اور اس کے دو عنوانات ’’تاریخِ وفاتِ والا ہنر‘‘ اور ’’مرجعِ انام خواجہ محمد امیر صبا اکبر آبادی مرحوم‘‘ سے بمطابق حروف تہجی، سال وفات برآمد کیا۔ پہلا قطعہ ملاحظہ کیجئے:
بزمِ جہاں کو چھوڑ کر خلد میں نغمہ سنج
ہاں وہ غزل سرا صبا، ہاں وہی خوش نوا صبا
بزم سے وہ جو اٹھ گیا، رونقِ بزم لُٹ گئی
روحِ غزل پکار کر کہتی رہی صبا صبا
اس قطعہ میں صبا صاحب کے انتقال کے بعد اظہار افسوس کرتے ہوئے فریدی صاحب نے پہلے یہ کہا کہ وہ اس دنیا کو چھوڑ کر خلد میں نغمہ سنج ہیں۔ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ اس دنیا کو چھوڑ کر خلد میں چلے گئے کیوں کہ خلد میں جانے والا شخص کو ئی عام انسان نہیں ہے بلکہ صبا ہیں، وہ صبا جو غزل سرا تھا اور جو خوش نوا بھی تھا۔ اس کی غزل سرائی اور خوش نوائی کا ایسا اثر تھا کہ اس کے چلے جانے کے بعد رونقِ بزم لٹ گئی اور ’’روحِ غزل پکار کر کہتی رہی صبا صبا ‘‘۔ صبا صبا پکارنے میں فریدی صاحب نے عجیب و غریب بین کی کیفیت پیدا کی ہے جو خود ان کے دل کی آواز بھی ہے لیکن یہ کہہ کر کہ روحِ غزل پکار کر کہتی رہی صبا صبا انہوں نے غزل کی اصل روح کی طرف بھی اشارہ کیا ہے جس کے متعلق ٢١ ویں صدی میں فارسی کا ماہر علم عروض شمس قیس رازی نے کتے اور ہرن کی تمثیل کے ذریعے یہ سمجھانے کی کوشش کی تھی کہ روحِ غزل شاعر کے دل کی گہرائی سے نکلی ہوئی وہ آواز (غزل القلب) ہے جس میں خوشی اور غم کے ملے جلے اثرات پائے جا تے ہیں۔ جسے سن کر سامع کا موڈ خوشگوار ہو جاتا ہے۔غزل کی اصل روح کے ذریعے صبا صبا پکارنے میں یہ اشارہ ملتا ہے کہ غزل کی روح کا خالق صبا، اب اس دنیا میں نہیں رہا لہٰذا اس بات کا اب ڈر ہے کہ غزل کہیں بے روح قافیہ پیمائی بن کر نہ رہ جائے۔فریدی صاحب اگلے بند میں روحِ غزل کے ذریعے صبا صبا پکارنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ:
تھا وہ بہار کا چراغ بزمِ سخن کا رنگ و بو
لب تھے لب گہر فشاں، دست تھا دستِ زر فشاں
اس نے غزل کو بخش دی خونِ جگر میں گھول کر
تاج محل کی چاندنی، میر و نظیر کی زباں
اس بند میں صبا صاحب کو بہار کا چراغ، بزمِ سخن کا رنگ و بو قرار دے کر ان کی شاعرانہ عظمت بڑھا دی ہے کیوں کہ رنگ و بو کے بغیر پھولوں کا تصور ہی ممکن نہیں ہے۔ یہاں ’’پھول‘‘ غزل کا اور ’’رنگ‘‘ غزل کی آرائش و زیبائش کا جبکہ ’’بو‘‘ غزل کی اصل روح کا استعارہ ہے۔ اوردوسرے مصرعے میں یہ کہہ کر کہ ’’لب تھے لب گہر فشاں، دست تھا دستِ زر فشاں ‘‘یہ اشارہ کیا ہے کہ ان کی زبان سے اشعار نہیں بلکہ موتی جھڑتے تھے اور ہاتھوں سے زر فشاں ہوتے تھے۔اگلے شعر میں یہ کہہ کر کہ صبا صاحب نے اپنی غزل کو تاج محل کی چاندنی اور میر و نظیر کی زبان عطا کر دی، یہ ظاہر کیا ہے کہ چاند کی لطافت اور میر و نظیر کی شاعری کی نزاکت صبا کی شاعری میں بھی موجود ہے۔ آخری قطعہ سے فریدی صاحب نے سال وفات نکالی ہے لیکن اس قطعے کے مصرعوں میں بھی صبا صاحب کی غزل کے فن پر جو نظر تھی اس کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔قطعہ ملاحظہ کیجئے:
اس کو کہاں سے لائیں گے کس کو غزل سنائیں گے
جا نہ سکے گا عمر بھر دل میں جو داغ آج ہے
فاتحہ پڑھ کے قبر پر سالِ وفات کہ دیا
دفن اسی مزار میں ’’شاعرِ ارضِ تاج ہے‘‘
اس قطعہ کے آخری شعر کی مدد سے صبا صاحب کی سال وفات نکالی ہے لیکن پہلے شعر میں یہ کہہ کہ کر کہ ’’اس کو کہاں سے لائیں گے کس کو غزل سنائیں گے‘‘ غزل کے فن کی باریکیوں پر صبا صاحب کی نظر اور ان سے ملنے والی دادوتحسین کی اہمیت کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔ اس بات کا اندازہ صبا صاحب کو لکھے ایک خط کی اس عبارت سے بھی لگایا جا سکتا ہے جس میں انہوں نے تفصیل سے خیر و خبر لکھنے کے بعد اپنی چھ غزلیں بھی لکھنے کی گنجائش نکالی۔’’شعر گوئی کی رفتار کم سے کم ہے، مگر آپ کی دعا سے میں نے بھی آگرے کے معیار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔آپ کی کتاب پر اپنی رائے اگلے خط میں لکھوں گا۔اب میرا جی چاہتا ہے کہ اس خط میں جتنی گنجائش ہے اسے اشعار کے لیے وقف کر دوں تاکہ جو کچھ کہا ہے اس کی ایک جھلک آپ دیکھ سکیں۔ ‘‘
اس کے بعد فریدی صاحب نے inland letter کی معمولی سی جگہ میں اپنی چھ غزلوں کے لیے گنجائش نکال لی۔ان چھ غزلوں کا مطلعے یہ ہیں۔
ہم نے تنہا نشینی خریدی تو ہے رونق و شورشِ انجمن بیچ کر
شمع میراب دل میں جلائی تو ہے آرزوؤں کا اپنی کفن بیچ کر
بارشِ سنگ و شورِ ملامت میں ہم ہنس کے گزریں گے دامن کشاں ہی سہی
اب جنوں کے قدم بھی زمیں پر نہیں اس گلی کی زمیں آسماں ہی سہی
ہستی کے ہر اک موڑ پہ آئینہ بنا ہوا ہوں
مٹ مٹ کے ابھرتا ہوا نقشِ کفِ پا ہوں
ذہن بیدار و نگاہ نگراں کچھ بھی نہیں
دل وہاں چھوڑ گیا ہے کہ جہاں کچھ بھی نہیں
مرہم سا مری روح کے زخموں کو ملا ہے
ان آنکھوں نے جیسے مرا غم بانٹ لیا ہے
وہ دورِ بادہ مینا گداز آنکھوں میں پھرتا ہے
ترانے چھوتے ہیں دل میں سازآنکھوں میں پھرتا ہے
میری معلومات کے مطابق فریدی صاحب ہر کسی کو اپنی غزلیں سنا نا پسند نہیں کرتے تھے۔وہ عام مشاعروں میں بھی کم ہی شریک ہوتے تھے۔ انہوں نے ہمیشہ ان لوگوں کو غزلیں سنا نا پسند کیا جن کا شعری ذوق اعلیٰ ہو تا تھا اور جن کی داد و تحسین کی قدر و قیمت ہوتی تھی۔صبا صاحب انہیں خاص اور با ذوق شعرا میں سے تھے جنہیں مندرجہ بالا چھ غزلیں خط میں لکھ کر بھیجیں تاکہ ان سے دادوتحسین مل سکے اور یہی وہ وجہ تھی کہ ان کے اس دنیا سے چلے جانے کے بعد انہیں یہ لکھنا پڑا کہ’’اس کو کہاں سے لائیں گے کس کو غزل سنائیں گے‘‘۔جبکہ فریدی صاحب خود ایک اچھے شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ماہر عروض اور ماہر علم بدیع و بیان بھی تھے اور ان کی غزلیں جیسا کہ خود ہی انہوں نے کہا کہ ’’آپ کی دعا سے میں نے بھی آگرے کے معیار کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے‘‘ یعنی ان کی غزلوں میں وہی کیف و اثر ہے جو میر و غالب کی غزل میں تھی۔ اور یہ حقیقت ہے کہ ان کی غزلیں تغزل کے تمام تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے چاند کی چاندنی میں نہائی ہوئی معلوم ہوتی ہیں۔
صبا صاحب کی غزلوں کی تضمین، ان کی شان میں لکھی گئی نظمیں اور قطعات کی روشنی میں جس طرح فریدی صاحب نے ان کی شخصیت اور شاعری کے مختلف جہات پر اشارے اور کنائے میں اظہارِ خیال کیا ہے وہ کسی طویل مضمون سے بھی بہتر ہے۔لہٰذا انہیں افسوس کرنے کی قطعی ضرورت نہیں کہ انہوں نے صبا صاحب کی شاعری پر کو ئی مفصل مضمون نہیں لکھا۔فریدی صاحب کی تخلیقات کی روشنی میں صبا صاحب سے ان کے تعلقات، ذہنی اور فکری ہم آہنگی، آگرہ کی سرزمیں سے دونوں کی بے پناہ محبت، بچپن کی حسین یادوں، دونوں کے شعری ذوق اور رموز غزل پر ان کی نظر سے متعلق جتنی باتیں کی گئیں انہیں مد نظر رکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ فریدی صاحب صبا صاحب کے سب سے بڑے مداح اور ان کے فن کے معترف تھے لہٰذا ان کا یہ کہنا غلط نہیں ہے کہ ’’صبا کا ہم نوا میں بھی رہا ہوں۔ ‘‘
٭٭٭

مغیث الدین فریدی کی تضمین نگاری

تضمین وہ صنفِ سخن ہے جس میں تضمین نگار اپنے پسندیدہ شعرا کے کسی شعر یا مصرعے پر اپنے چند مصرعوں کا اضافہ اس حسن و خوبی سے کرتا ہے کہ وہ اصل شعر یا مصرعے میں ضم ہو جائے اور ایک الگ اکائی بن جائے۔ تضمین نگاری کے اس تخلیقی عمل میں تضمین نگار ’’تضمین کے شعر یا مصرعے کا رنگ و آہنگ‘‘ اس کی داخلی کیفیت اور اس کے مفہوم کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے مصرعوں کو تضمین کے شعر یا مصرعے میں اس طرح پیوست کرتا ہے کہ ان میں کسی بھی اعتبارسے کوئی فرق محسوس نہ کیا جاسکے اور تضمین کے بعد سارے مصرعے کسی ایک ہی شاعر کے کہے ہوئے معلوم ہوں۔ تضمین نگار اس عمل میں اصل شعر یا مصرعے کے مفہوم کی توسیع کرتا ہے یا اس کی علامتوں کی نئی توجیہ پیش کرتا ہے جس سے دونوں شاعروں کے تخلیقی عمل کے امتزاج سے ایک نئی فضا اور ایک نئی کیفیت پیدا ہوتی ہے۔
تضمین کا فن بڑا نازک اور لطیف ہے۔ غزل گو شعرا کے لیے شعر کہنا آسان کام ہے لیکن کسی دوسرے شاعر کے شعر پر تضمین کرنا مشکل ہے کیوں کہ غزل کے ہر شعر میں شاعر کی داخلی کیفیت، رنگ و آہنگ اور اس کی پوری شخصیت کے ارتعاشات موجود ہوتے ہیں جبکہ تضمین نگار کو اپنے مصرعوں کی تخلیق کرتے وقت ان سب باتوں کا خیال رکھتے ہوئے اپنی شخصیت کی سطح کو اس شاعر کی شخصیت کی سطح پر لانا پڑتا ہے جس شاعر کے شعر یا مصرعے کی تضمین کرنی ہوتی ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں وہ اصل شعر یا مصرعے کے مفہوم کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے اس کے کچھ تشنہ پہلوؤں کو تلاش کرتا ہے اور اپنے جذبات و خیالات سے ہم آہنگ کر کے ان کے مفہوم کو ایک نئی جہت عطا کرتا ہے۔
غزل کے اشعار پر تضمین کرنا اردو کے شاعروں کا محبوب مشغلہ رہا ہے۔قصیدے اور مثنوی کے اشعار بھی تضمین کیے گئے ہیں لیکن جو لطف و اثر غزل کے اشعار کی تضمین میں ہے وہ قصیدے اور مثنوی کی تضمین میں نہیں ملتا۔ کیونکہ غزل کے اشعار کی رمزیت اپنے مفہوم کی توسیع اور توضیح کے لیے چند مصرعوں کی وسعت چاہتی ہے اور قافیہ کی ہم آہنگی سے نغمگی کی لَے اور بڑھ جاتی ہے۔
تضمین کے فن کی اہمیت اور اثر انگیزی پر تبصرہ کرتے ہوئے سید حامد نے لکھا ہے:
’’زمان و مکاں کے فاصلوں کے باوجود دو بڑے شاعروں کے درمیان اشتراک عمل کا منظر دیدنی ہوتا ہے۔ ماضی اور حال کی اس ملی جلی تخلیقی کوشش میں خیالات و جذبات کی عجیب گہماگہمی دیکھنے میں آتی ہے۔ پہلے شاعر نے اپنے شعر میں جن خیالات اور احساسات کی ترجمانی کی ہے وہ پڑھنے والے کے دماغ سے نکل نہیں پاتے اور بعد میں آنے والے شاعر (تضمین نگار) نے اس شعر میں جو نئے مطالب داخل کیے ہیں، اسے جو نیا فکری اور جذباتی رُخ دیا ہے، وہ پہلے شاعر کے مفہوم و مقصود سے ٹکراتا ہے۔ اس تصادم سے شرار اٹھتے ہیں اور مفاہیم کے نئے خزائن منکشف ہوتے ہیں اور تعبیر اور حظ کے لیے نئی راہیں کھلتی ہیں۔ زیر تضمین شعر کا حسن تضمین اشعار کے پیرہن سے چھلکتا ہے۔ ایک تحریر کے اوپر دوسری تحریر نگاہوں کو جستجو اور جمال سے نوازتی ہے۔ ابتدائی اور ثانوی مفاہیم کی باہمی کشمکش کی لطف سامانی کو کیا کہئے۔ ابتدائی مفہوم کی وجہ توانائی یہ ہے کہ وہ قارئین کے دماغ میں ایک مدت سے پیوست ہوتا ہے، ثانوی مفہوم (جو تضمین نگار نے دیا ہے) کی طاقت کا راز یہ ہے کہ اسے تضمین نظم کی پوری کمک حاصل ہے ایک زاویہ سے دیکھئے تو تضمین زیر تضمین شعر کی تخمینِ جدید یا تعبیرِ نو ہے۔ اس نئی تعبیر (Re-interpretation) کی اہمیت اس لیے اور بڑھ جاتی ہے کہ تعبیر کرنے والا خود ایک بڑا شاعر ہے
تضمین کی اثر انگیزی کا ایک راز یہ بھی ہے کہ طویل تضمین ماقبل کو پڑھتے ہوئے قاری کے دماغ کا توقع اور مفہوم طلبی سے یہ عالم ہو جاتا ہے جیسے ٹائم پیس میں الارم کی چابی بھر دی گئی ہو۔ یہ تناؤ، یہ آشوبِ انتظار، یہ کھنچاؤ تب ختم ہوتا ہے جب الارم کی گھنٹی بجتی ہے اور زیر تضمین شعر، جس کا بے تابی کے ساتھ انتظار تھا، ذہن کو آسودہ کر دیتا ہے۔‘‘
(نگارِ خانہ رقصاں، ص:۱۲۸)
جس طرح اردو غزل فارسی سے اورفارسی غزل عربی سے ماخوذ ہے۔ اسی طرح تضمین کی روایت فارسی سے اردو میں آئی ہے۔ فارسی کے متعدد کلاسیکی شعرا کے کلام کی تضمینیں فارسی میں ہوئی ہیں۔ شیخ سعدی کے کلام کی تضمینیں فارسی کے ہی ایک شاعر غلام حسین امیر خانی کی ہے جو ’’تضمین گلچین سعدی ‘‘ کے نام سے شائع ہوئی ہے۔ دکنی شعرا کے کلام میں بھی فارسی غزلوں اور ہندی دوہوں کی تضمینیں ملتی ہیں۔ اٹھارہویں صدی میں میر، سودا، درد، مصحفی، انشاء اور نظیر اکبرآبادی کے علاوہ کئی دوسرے شعرا کے کلام میں بے شمار تضمینیں ملتی ہیں۔ انیسویں صدی میں سب سے زیادہ تضمینیں کی گئی ہیں۔ عربی، فارسی کے نعتیہ قصیدے اور ہندی دوہوں پر متعدد شعرا نے تضمینیں کی ہیں۔ قدسی کی نعت پر سب سے زیادہ تضمینیں کی گئی ہیں جس کا مجموعہ ’’حدیث قدسی‘‘ کے نام سے شائع ہو چکا ہے۔ حکیم قطب الدین صاحب نے میرحسن کی مثنوی سحرالبیان کے پورے اشعار کا خمسہ کیا ہے جو ’’اعجاز رقم‘‘ کے نام سے شائع ہو چکا ہے۔ بیسویں صدی کے شعرا میں صبا اکبرآبادی اور مرزا سہارن پوری نے مکمل دیوان غالب کی تضمینیں کی ہیں۔ موجودہ دور کے شعرا میں مغیث الدین فریدی نے متعدد شعرا کی غزلوں کی تضمینیں کی ہیں۔
آگرہ کے ادبی جلسے اور مشاعرے فریدی کے ادبی ذوق کو نکھارنے اور شعر گوئی کے شوق کو بڑھانے میں بڑے مددگار ثابت ہوئے۔وہاں کے سیماب لٹریری سوسائٹی، بزم نظیر کا سالانہ ادبی میلہ، بزم اقبال اور دوسری ادبی انجمنوں کے ذریعے منعقد ہونے والے طرحی مشاعروں میں فریدی کے شعر پڑھنے کا سلسلہ برسوں چلتا رہا۔انہیں طرحی مشاعروں میں شرکت کرتے رہنے کی وجہ سے فریدی کے اندر اساتذہ حضرات کے کلام کی تضمین کرنے کا شوق پیدا ہوا۔مصرعِ طرح پر مصرع لگانا دراصل ایک تضمینی عمل ہے جس پر مہارت فریدی کو بچپن ہی سے حاصل تھی۔ایک مصرع پر ایک مصرع لگانے کے علاوہ فریدی نے ایک شعر پر تین مصرعے اور کبھی کبھی ایک مصرع یا ایک شعر پر کئی مصرعے لگا کر تضمینیں کیں اور اس فن کے وقار کو برقرار رکھا۔ ’’کفرِ تمنا‘‘ میں صرف میر، غالب،فانی، فیض اور خورشید الاسلام کی غزلوں کی تضمینیں شامل ہیں۔ ویسے انہوں نے علّامہ اقبال، مجروح اور صبا اکبر آبادی کی غزلوں کی بھی تضمین کی ہے۔فریدی نے میر کی ایک غزل کے اشعار کی تضمین کی ہے۔ اس کا مطلع ہے:
میں کون ہوں اے ہم نفساں سوختہ جاں ہوں
اِک آگ مرے دل میں ہے جو شعلہ فشاں ہوں
فریدی نے میر کے اس مطلع کی کیفیت اور رنگ و آہنگ کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے اس کی توضیح و تشریح بھی ہے اور اپنے احساسات کو میر کے حسّی تجربے سے ہم آہنگ کر دیا ہے۔ایسا لگتا ہے کہ فریدی کے مصرعوں کے بغیر میر کا مطلع نا مکمل تھا۔تضمین کا بند ملاحظہ کیجئے۔
آشفتہ مزاجی سے میں آشوبِ جہاں ہوں
پر کالہ آتش ہوں کبھی برقِ تپاں ہوں
یا نالہ ہوں یا درد ہوں یا آہ و فغاں ہوں
’’میں کون ہوں اے ہم نفساں سوختہ جاں ہوں
اِک آگ مرے دل میں ہے جو شعلہ فشاں ہوں ‘‘
میر کی اسی غزل کا دوسر ا شعر ہے:
جلوہ ہے مجھی سے لبِ دریائے سخن پر
صد رنگ مری موج ہے میں طبعِ رواں ہوں
اس شعر کی تضمین میں فریدی نے میر کی غزل پر تبصرہ بھی کر دیا ہے اور ان کی شاعرانہ تعلی کو شعری صداقت کی سند بھی دے دی ہے۔تضمین کے مصرعوں میں میر کے لہجے کا اثر اور نشتریت پیدا کر دینا فریدی کی قادرالکلامی کی دلیل ہے۔تضمین کا بند یہ ہے۔
سجتی ہے قبا درد و اثر کی مرے تن پر
تا حشر جہاں ناز کرے گا مرے فن پر
صد رنگ مری موج ہے میں طبعِ رواں ہوں
میں ابر بہاری ہوں تغزل کے چمن پر
’’جلوہ ہے مجھی سے لبِ دریائے سخن پر
صد رنگ مری موج ہے میں طبعِ رواں ہوں ‘‘
میر کی اسی غزل کے تیسرے شعر کی تضمین یہ ہے:
غیرت نے کبھی راحت دنیا نہ طلب کی
گردش کبھی دیکھی ہی نہیں جامِ طرب کی
شکوے کی زبان پر ہے مگر مُہر ادب کی
تکلیف نہ کر آہ مجھے جنبشِ لب کی پر
میں صدسخن آغشتہ بخوں زیرِ زباں ہوں
میر کا تضمین شدہ شعر معنوی اعتبار سے بہت تہہ دار ہے۔اس شعر میں میر نے کہا ہے کہ سیکڑوں باتیں ایسی ہیں جو خون میں تر ہیں اس لئے میں کلام نہیں کرسکتا ہوں۔ لیکن انہوں نے یہ بتایا کہ وہ سیکڑوں باتیں کون سی ہیں جو خون میں تر ہیں۔ نیز’’صدسخن آ غشتہ بخوں زیرِ زباں ‘‘ کا غیر معمولی پیکر قاری کے تخیل کو متاثر اور متحرک کر دیتا ہے اور کئی طرح کے امکانات پیدا ہو جاتے ہیں۔ ان سب سے فائدہ اٹھا کر فریدی نے میر کے شعر پر اپنے تین مصرعوں کا اضافہ کر کے میر کے شعر کی توضیح و تشریح پیش کر دی۔چوتھے شعر کی تضمین یہ ہے۔
جو سب کی زباں پر ہے وہ افسانہ ہے میرا
سرشار ہیں سب جس سے وہ پیمانہ ہے میرا
کیا ہوش ربا نغمہ مستانہ ہے میرا
دیکھا ہے مجھے جس نے سو دیوانہ ہے میرا پر
میں باعثِ آشفتگی طبعِ جہاں ہوں
میر نے اپنے شعر کے پہلے مصرعِ میں صرف یہ کہا ہے کہ جس نے بھی انہیں دیکھا وہ ان کا دیوانہ ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ دیوانگی کی وجہ کیا ہے۔ فریدی نے اپنے مصرعوں کی مدد سے اس کی وجہ بتانے کے ساتھ ساتھ میر کی شاعری کی خصوصیت اور مقبولیت پر بھی روشنی ڈال دی۔ پانچویں شعر کی تضمین یہ ہے:
بے زار زمانے سے ہوں خود سے بھی گریزاں
دامن کی خبر ہے نہ مجھے پاس گریباں
یہ وقتِ نصیحت ہے بھلا ناصحِ ناداں
’’رکھتی ہے مجھے خواہشِ دل بسکہ پریشاں
درپے نہ ہو اس وقت خدا جانے کہاں ہوں ‘‘
میر نے اپنے شعر میں تو صرف اتنی سی بات کہی تھی کہ خواہشِ دل انہیں پریشان رکھتی ہے جس کی وجہ سے انہیں یہ خبر نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں۔ فریدی نے اپنے مصرعوں کی مدد سے میر کی بیزاری کی شدّت کو اور بڑھا دیا ہے۔تیسرامصرع ’’یہ وقتِ نصیحت ہے بھلا ناصحِ ناداں ‘‘ نے تو میر کے شعر کی پوری کیفیت اور شعری فضا کو بدل دیا ہے۔تضمین کا یہی کمال ہے۔
فریدی نے غالب کی غزل پر جو تضمین کی ہے وہ لاجواب ہے۔غالب کی غزل کا مطلع ہے:
دل سے تری نگاہ جگر تک اُتر گئی
دونوں کو اک ادا میں رضامند کر گئی
اس پر فریدی نے جو تضمین کی ہے اس سے غالب کے شعر کے مفہوم میں توسیع ہو گئی ہے۔غالب نے اس شعر میں صرف یہ کہا تھا کہ تیری نگاہ کا تیر دل کو چیرتا ہوا جگر تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے دل اور جگر خوش ہوئے۔لیکن فریدی نے دل و جگر کے خوش ہونے کے علاوہ کئی اور خوش گوار باتوں کا اضافہ کیا ہے۔ مثلاً تیری نگاہ کے فیضان سے پژمردہ فضائے محب کا نکھرنا، تقدیرِ عشق کا سنورنااور سوزِ بے پناہ کا رگ و پے میں بھرنا وغیرہ۔اس تضمین میں فریدی نے غالب کی لے سے لے ملا دیا ہے۔تضمین ملاحظہ کیجئے:
پژمردہ تھی فضائے محبت نِکھر گئی
تقدیرِ عشق ایک نظر میں سنور گئی
اک سوزِ بے پناہ رگ و پے میں بھر گئی
’’دل سے تری نگاہ جگر تک اُتر گئی
دونوں کو اک ادا میں رضامند کر گئی‘‘
غالب کی غزل کے دوسرے شعر کی تضمین یہ ہے:
جس راہ سے وہ پیکر خوبی گذر گیا
اس رہ گذر پہ سب کو گماں ہے بہشت کا
بہکے ہوئے شباب کے قدموں نے کیا کیا
’’دیکھو تو دل فریبی اندازِ نقشِ پا
موجِ خرامِ یار بھی کیا گل کتر گئی‘‘
فریدی نے اس تضمین میں غالب کے شعر کی توضیح و توسیع کر کے مضمون آفرینی اور دلکشی کو بڑھا دیا ہے۔تضمین کے تینوں مصرعے نے فضا آفرینی میں اہم کردار نبھائیں ہیں۔ تیسرے مصرع ’’بہکے ہوئے شباب کے قدموں نے کیا کیا‘‘ کی برجستگی قابلِ تعریف ہے۔اس غزل کے تیسرے شعر کی تضمین یہ ہے:
بے پردگی سے کام لیا ہے حجاب کا
راس آ گیا ہے حسن کو نشہ شباب کا
ساغر چھلک گیا نگہ کامیاب کا
’’نظارہ نے بھی کام کیا واں نقاب کا
مستی سے نگہ ترے رُخ پر بکھر گئی‘‘
غالب نے اپنے شعر میں صرف یہ کہا کہ محبوب کے رخ پر جب ان کی نگاہ پڑی تو مستی کے عالم میں بکھر گئی اور بکھر جانے سے محبوب کے رخ کا دیدار نہیں ہوسکا کیوں کہ بکھری ہوئی نگاہ نے نقاب کا کام کیا۔فریدی نے اپنے تضمینی مصرعوں میں یہ نکتہ نکالا کہ دراصل محبوب کی بے پردگی اور نشہ شباب کا اثر تھا کہ غالب کی نگاہ محبوب کے رخ پر پڑنے کے بعد ٹھہری نہیں بلکہ بکھر گئی اور اس طرح بکھری ہوئی نگاہ نے وہاں نقاب کا کام کیا۔ تضمین کے تیسرے مصرع نے غالب کے شعر کی کیفیت کو اور بڑھا دیا ہے۔غالب کے چوتھے شعر کی تضمین یہ ہے:
اخفائے رازِ عشق کا ہم کو کہاں دماغ
روشن ہیں دل میں غم کے کنول یاد کے چراغ
اے ضبطِ غم سلام، کہ لو دے اٹھے ہیں داغ
’’شق ہو گیا ہے سینہ خوشا لذّتِ فراغ
تکلیفِ پردہ داری زخمِ جگر گئی‘‘
غالب نے اپنے شعر میں کہا ہے کہ جب ان کا سینہ شق ہو گیا تو زخمِ جگر کو چھپائے رکھنے کی تکلیف سے انہیں نجات مل گئی اور وہ فراق کی لذت سے محظوظ ہونے لگے۔غالب نے اس شعر میں یہ نہیں واضح کیا کہ ان کا سینہ کیسے شق ہوا۔ایسا لگتا ہے کہ جبراً سینہ شق ہوا۔فریدی نے تضمین کے مصرعوں میں سینہ شق ہونے کا جواز یہ پیش کیا کہ رازِ عشق چھپانے کا دماغ غالب کے اندر تھا ہی نہیں۔ ان کے دل میں تو غم کے کنول اور یاد کے چراغ ہمیشہ روشن تھے جس کی وجہ سے انہوں نے ضبط کو الوِداع کہہ دیا۔اس طرح سینہ کا شق ہونا ایک آسان اور فطری عمل معلوم ہونے لگا۔فریدی کے مصرعوں سے غالب کے شعر کا حسن دوبالا ہو گیا ہے۔پانچویں شعر کی تضمین یہ ہے:
شعلے اُٹھے ہیں جام سے پیمانے سے دھواں
نغمہ بنا ہوا ہے لبِ ساز پر فغاں
آلامِ روزگار سے ملتی نہیں اماں
’’وہ بادہ شبانہ کی سرمستیاں کہاں
اٹھئے بس اب کہ لذّتِ خوابِ سحر گئی‘‘
غالب نے اپنے شعر میں کہا ہے کہ بادہ شبانہ کی سر مستیاں لذتِ خوابِ سحر پر موقوف ہیں۔ صبح کا وقت گذر جانے کے بعد لذتِ خوابِ سحر بھی ختم ہو جاتی ہے۔فریدی نے تضمین کے مصرعوں سے اس کا رشتہ آلامِ روزگار سے جوڑ کر اس شعر کی توضیح و توسیع کر دی۔ غالب کی اس غزل کے چھٹے شعر کی تضمین ملاحظہ کیجئے:
ہر شر میں ہے ہوائے محبت بھری ہوئی
پہلے تو اتنی عام یہ جنسِ گراں نہ تھی
موتی کی آب سیپ کے ٹکڑوں نے لوٹ لی
’’ہر بُولہوس نے حسن پرستی شعار کی
اب آبروئے شیوہ اہلِ نظر گئی‘‘
فریدی نے غالب کے شعر پر جو تضمین کی ہے وہ ان کے زورِ تخیل اور قادرالکلامی کا بہترین نمونہ ہے۔اس شعر پر فریدی نے جو مصرعے لگائے ہیں ان میں تیسرے مصرع کا جواب نہیں۔ ’’موتی کی آب سیپ کے ٹکڑوں نے لوٹ لی‘‘ کیا ہی لطیف خیال ہے۔
فریدی نے بانگِ درا، حصہ اوّل کی پہلی غزل کی تضمین کی ہے جس کی تضمین کے بند یہ ہیں :
نظریں جما کے آئینہ روزگار دیکھ
تصویرِ کائنات کے نقش و نگار دیکھ
تیرے لئے ہے دہر کا یہ شاہکار دیکھ
گلزارِ ہست و بود نہ بیگانہ وار دیکھ
ہے دیکھنے کی چیز اسے بار بار دیکھ

ذرّہ ہے عکسِ مہر کا آئینہ دار دیکھ
قطرے میں موجزن ہے یم بے کنار دیکھ
ہمت تری بڑھانے ترا اعتبار دیکھ
آیا ہے تو جہان میں مثلِ شرار دیکھ
دم دے نہ جائے ہستی نا پائدار دیکھ

تسلیم ہے کہ عشق میں کامل نہیں ہوں میں
موسیٰ نہیں ہوں جلوے کا سائل نہیں ہوں میں
آئینہ بن کے ترے مقابل نہیں ہوں میں
مانا کہ تیری دید کے قابل نہیں ہوں میں
تو میرا شوق دیکھ مرا انتظار دیکھ

رکھنا رہ طلب میں قدم پھونک پھونک کر
روشن جمالِ یار سے ہو گی تری نظر
آئینہ خانہ بن گئی ایک ایک رہ گزر
کھولی ہیں ذوقِ دید نے آنکھ تری اگر
ہر رہ گزر میں نقشِ کفِ پائے یار دیکھ

علّامہ اقبال نے اپنے مطلع میں اس دنیا کو دیکھنے کی چیز قرار دے کر اسے بار بار دیکھنے کی تلقین کی ہے۔لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ دنیا دیکھنے چیز کیوں ہے۔فریدی نے اس مطلع پر تضمین کے تینوں مصرعوں کی مدد سے یہ بتا کر کہ یہ دنیا خدا کا شاہکار ہے اور اس کے نقش و نگار دید کے قابل ہے مطلع کی توضیح و توسیع کی ہے۔دوسرے اور تیسرے مصرعے کا جواب نہیں ہے۔
دوسرے بند میں اقبال نے زندگی کو شرار سے تشبیہ دے کر اسے ناپائدار قرار دیا ہے لیکن فریدی نے ہستی کا مفہوم اور اقبال کے شعر میں تصوف کا رنگ یہ کہہ کر پیدا کر دیا ہے کہ اس دنیا کا ہر زرّہ مہر یعنی آفتاب کا آئینہ دار ہے اور انسان اگر قطرہ تو اس کے اندر سمندر موجزن ہے۔ دنیا دیکھنے کی چیز اس لئے کہ موجوداتِ کائنات دراصل خدا کا کثیر روپ ہے اور بقول ابن عربی انسا ن خدا کا آئینہ ہے جس میں وہ اپنے آپ کو دیکھتا ہے۔لہٰذا ہستی اگر شرار کے مانند ہے بھی تو اس سے اس کی عظمت میں کوئی کمی نہیں ہوتی۔
تیسرے بند میں اقبال کا شعر تصوف سے تعلق رکھتا ہے جس میں انہوں نے خدا کے مقابلے میں انسان کو ادنیٰ اور حقیر قرار دے کر یہ کہا ہے انسان خدا کے دید کے قابل نہیں ہے لیکن اس کے دل میں خدا کے تئیں محبت کا جو جذبہ ہے اسے اہم قرار دیا ہے۔ فریدی نے تضمین کے پہلے مصرعے میں یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ انسان چونکہ عشق میں کامل نہیں ہے اس لئے وہ خدا کے دید کے قابل نہیں ہے اور دوسرے مصرعے میں یہ کہا ہے کہ میں موسیٰ نہیں ہوں کہ تیرے دید کے لئے تجھ سے کہوں اور تیسرے مصرعے کو اقبال کے شعر کے پہلے مصرعے میں ضم کر کے شوق اور انتظار کی شدّت کو بڑھا دیا ہے جس سے اقبال کا دعویٰ مستحکم ہو جاتا کہ خدا کو اپنا جلوا دکھانا ہی چاہئے۔
آخری بند میں اقبال نے اپنے شعر میں نقشِ کفِ پائے یار سے مراد خدا کا جلوا لیا ہے اور ذوقِ دید سے مراد وہ نظر جس سے ہم خدا کو پہچان سکیں۔ فریدی نے اقبال کے شعر کی توسیع کی ہے۔ تضمین کے تیسرے مصرعے میں انہوں نے یہ کہہ کر کہ ’’آئینہ خانہ بن گئی ایک ایک رہ گزر‘‘ تصوف کے اس نظریے کی طرف اشارہ کر دیا ہے کہ ذرّے ذرّے میں خدا کا جلوہ موجود ہے لیکن اسے دیکھنے کے لئے مخصوص نظر کی درکار ہے۔
فریدی نے اقبال کی غزل کے تمام اشعار میں تصوف کا رنگ بھر دیا ہے اور اقبال کے اشعار کی لے سے لے ملا دیا ہے۔
فریدی نے فانی کی جس غزل کی تضمین کی ہے اس مطلع ہے:
مژدہ عیش یہ تمہیدِ پریشانی ہے
ﷲِّ الحمد کہ پھر غم کی فراوانی ہے
اس مطلعِ میں فانی نے کہا ہے کہ پریشانی دراصل خوشی کی تمہید ہے۔اس لئے وہ خدا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ پھر غم کی فراوانی ہے۔لیکن فانی نے اس شعر میں یہ نہیں واضح کیا کہ غم کی فراوانی کیسے اور کیوں ہے۔فریدی نے اپنے مصرعوں میں کیوں اور کیسے کا جواب دے کر فانی کے شعر کی توسیع اور توضیح پیش کر دی ہے اور ساتھ ہی فانی کے شعر کے رنگ و آہنگ کو ملحوظ خاطر رکھ کر تضمینی مصرعوں سے فانی کے شعر کو ہم آہنگ کر دیا ہے۔تضمین کا بند ملاحظہ کیجئے:
خشک آنکھوں میں پھر اب اشک کی طغیانی ہے
دل کے ویرانے میں پھر درد کی مہمانی ہے
گرمی عشق سے چہرے پہ بھی تابانی ہے
’’مژدہ عیش یہ تمہیدِ پریشانی ہے
ﷲِّ الحمد کہ پھر غم کی فراوانی ہے‘‘
فانی کی غزل کا دوسراشعر ہے:
دونوں عالم ہیں ترے سوختہ ساماں پہ نثار
چشمِ بد دور عجب بے سروسامانی ہے
فریدی نے اس شعر کی رمزیت سے فائدہ اٹھا کر اس کی توسیع و توضیح کی ہے۔فانی نے سوختہ ساماں ہونے کی وجہ نہیں بتائی ہے۔فریدی نے اپنے تضمینی مصرعوں میں یہ واضح کر دیا کہ فانی نے شعلہ آتشِ الفت میں گھربار جلا دیا اور فکرِ دنیا غمِ عقبیٰ سے بیزار ہو گئے۔تضمین ملاحظہ ہوں :
شعلہ آتشِ الفت میں جلا کر گھر بار
فکرِ دنیا غمِ عقبیٰ سے ہوا ہوں بیزار
اب مجھے خوفِ خزاں ہے نہ تمنّائے بہار
’’دونوں عالم ہیں ترے سوختہ ساماں پہ نثار
چشمِ بد دور عجب بے سروسامانی ہے‘‘
تیسرے شعر کی تضمین یہ ہے:
بحرِ الفت میں کہیں بھی نہیں ساحل نایاب
وہم نے ڈال دیا ہے رخِ ساحل پہ نقاب
ہمتِ عشق اگر ہے تو اُٹھا دے یہ حجاب
’’قطرہ کیا، موج کسے کہتے ہیں کیسا گرداب
ڈوب کر دیکھ نہ دریا ہے نہ طغیانی ہے‘‘
فانی نے اپنے شعر میں یہ کہا ہے کہ جب تک انسان حوادث کے دریا میں اترتا نہیں، گرداب اور موجیں اسے ڈراتی رہتی ہیں۔ لیکن انسان جب اس میں اتر جاتا ہے تو نہ طغیانی رہتی ہے اور نہ طوفان۔یہ فانی کی شاعری کا مستقل فلسفہ اور غم پسندی کا بنیادی سبب ہے۔ایک اور جگہ کہتے ہیں :
اس بحرِ بیکراں میں کشتی کا جستجو کیا
ساحل کی آرزو کیا، ڈوب اور پار اُتر جا
فریدی نے تضمین کے مصرعوں کی مدد سے فانی کے شعر کے مفہوم کو بدل دیا ہے۔اس فلسفیانہ شعر کا رشتہ عشق اور عشق کی طاقت سے قائم کر دیا۔فریدی کے تیسرے مصرعِ نے فانی کے شعر کو نیا موڑ دے دیا۔فانی کا چوتھا شعر ہے:
یاں یہ ویرانے ہی آباد بھی ہو جاتے ہیں
کوئی میرے دلِ برباد کی ویرانی ہے
فانی نے اس شعر میں یہ کہا کہ بستی کے ویرانے آباد ہو جاتے ہیں لیکن دل کے ویرانے آباد نہیں ہوتے۔فریدی نے اپنے مصرعوں کی مدد سے فانی کے شعر کی توسیع کرتے ہوئے یہ کہا کہ انسان اگر کوشش کرے اور دعا گو ہو تو سب کچھ ممکن ہے یہاں تک کہ انسان لاکھ مجبور کیوں نہ ہو آزاد بھی ہو سکتا ہے اور بیزار دل زمانے سے کبھی کبھی شاد بھی ہو سکتا ہے لیکن فانی کے دل کی ویرانی ایسی ہے کہ وہ آباد نہیں ہوسکتا۔ تضمین کا بند ملاحظہ کیجئے:
ہاں دعاگو لبِ فریاد بھی ہو جاتے ہیں
لاکھ مجبور ہوں آزاد بھی ہو جاتے ہیں
دل زمانے سے کبھی شاد بھی ہو جاتے ہیں
’’یاں یہ ویرانے ہی آباد بھی ہو جاتے ہیں
کوئی میرے دلِ برباد کی ویرانی ہے‘‘
فانی کے پانچویں شعر کی تضمین یہ ہے:
واقفِ یاس ابھی تک دلِ معصوم نہیں
ہجر اک لفظ ہے جس کا کوئی مفہوم نہیں
ان چھُٹ کر بھی فسُردہ نہیں مغموم نہیں
’’غمِ دوری اثرِ قُربت سے محروم نہیں
میرے نالوں میں بھی اندازِ غزل خوانی ہے‘‘
فانی نے اپنے شعر میں یہ کہا ہے کہ محبوب کی جدائی سے قربت کے احساس پر کوئی فرق نہیں پڑا۔کیوں کہ محبوب کی یاد اور اس کا تصور خیالوں میں بسا ہوا ہے۔اسی لئے ان کے نالوں میں بھی رنگینی اور دلکشی آ گئی ہے۔فریدی صاحب نے تضمینی مصرعوں کی مدد سے فانی کے خیال کو مستحکم بنا دیا یہ کہہ کر کہ ’’ہجر اک لفظ ہے جس کا کوئی مفہوم نہیں ‘‘۔فانی کا مقطع ہے:
میں کہاں اور کہاں عمرِ دو روزہ فانی
زندگی اب بہ تقاضائے گراں جانی
فریدی نے فانی کے مقطع کی بہترین تضمین کی ہے۔تضمین کے مصرعوں سے فانی کے شعر کی کیفیت اور تاثیر دوبالا ہو گئی ہے۔اس شعر میں فانی نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی زندگی کے سخت جانی سے گزارنے کی وجہ کیا ہے؟فریدی نے اس کی وجہ بتا کر فانی کے شعر کی توضیح پیش کر دی۔تضمین کا بند یہ ہے۔
قدرِ ہستی دلِ آگاہ نے جب پہچانی
اُڑ گئی آئینہ دہر کی سب تابانی
آزمانا ہے مگر تیغِ سِتم کا پانی
’’میں کہاں اور کہاں عمرِ دو روزہ فانی
زندگی اب بہ تقاضائے گراں جانی‘‘
فریدی نے فارسی اور اردو کے کلاسکی شعرا کے مقابلے میں اپنے ہم عصر شعرا کے کلام کی تضمینیں زیادہ کی ہیں جن میں صبا اکبر آبادی کی دو غزلوں کی تضمینیں خاص ہیں۔ صبا صاحب کی غزل کی تضمین سے وابستہ کچھ کہانیاں ہیں جو بے حد دلچسپ ہیں۔ مثلاً صبا اور فریدی ۱۹۴۲ میں بھرت پور کے ایک مشاعرے میں شاعر کی حیثیت سے شریک ہونے جا رہے تھے۔اس مشاعرے میں پڑھنے کے لیے دونوں نے غزلیں کہی تھیں۔ ریل میں سفر کے دوران دونوں نے ایک دوسرے کو اپنی اپنی غزلیں سنائیں۔ صبا کی غزل فریدی کو اتنی پسند آئی کہ صبا غزل سناتے جا رہے تھے اور فریدی چپکے چپکے اس کی تضمین کرتے جا رہے تھے۔ بھرت پور پہنچ کر دونوں مشاعرے میں شریک ہوئے۔ فریدی چونکہ صبا سے چھوٹے تھے اس لیے غزل سنانے کے لیے انہیں پہلے بلایا گیا۔اس مشاعرے میں فریدی نے اپنی غزل سنانے کے بجائے صبا کی غزل پر کی گئی وہ تضمین سناکر نہ صرف صبا کو بلکہ تمام سامعین کو حیرت میں ڈال دیا تھا۔ تضمین کے بند یہ ہیں۔
دامن سے داغِ اشک مٹا یا نہ جائے گا
پھر ضبط کے فریب میں آیا نہ جائے گا
ہم رو دیئے تو راز چھپا یا نہ جائے گا
آنسو کو واپس آنکھ میں لایا نہ جائے گا
موتی یہ گر پڑا تو اُٹھا یا نہ جائے گا

کب تک رہینِ کشمکشِ ضبط و غم رہوں
آرائشِ بہار کا سامان کیا کروں
اے روحِ درد اُٹھ، مدد اے ہمتِ جنوں
اپنے یہی جلے ہوئے تنکے سمیٹ لوں
اب اور آشیاں تو بنایا نہ جائے گا

آہیں بھرو گے بیکسی شوق دیکھ کر
آنسو نکل پڑیں گے اٹھاؤ گے جب نظر
میرا گمان ہو گا تمہیں اپنے عکس پر
وہ دن قریب ہیں کہ مرے عشق کا اثر
کوشش کرو گے اور چھپایا نہ جائے گا

طوفانِ اضطراب کی لہروں کو روک دوں
ٹھہرو ذرا کہ راہ تو ہموار کر سکوں
وہ دن خدا نہ لائے کہ تم سے گلہ سنوں
آنا، مگر یہ آنکھ کے آنسو تو پوچھ لوں
موجوں کی رو میں پاؤ ں جمایا نہ جائے گا

اے شعلہ غرورِ محبت ذرا بھڑک
توہین اہلِ عشق ہے انعامِ مشترک
کہہ دیں گے ہم خدا سے قیامت میں بے جھجک
ہو ملتوی جزائے عمل شامِ حشر تک
ہم سے تو ایسی بھیڑ میں جا یا نہ جائے گا

تو شکر کر کہ تیرا ستم بر ملا تو ہے
اک مشتِ خاک آئینہ دارِ وفا تو ہے
اک یاد گارِ عالمِ جورو جفا تو ہے
اے فتنہ گر نمودِ مزارِ صبا تو ہے
کچھ روز میں نشان بھی پایا نہ جائے گا

فریدی نے صبا کی غزل کے ہر شعر پر تین تین مصرعوں کے اضافے کر کے مخمس کے فارم میں تضمین کی اور پانچ مصرعوں کی ایک الگ اکائی بنا کر غزل کے تشنہ اشعار اور اس کے موضوع کو تشفی بخش بنا دیا۔ غزل کے اشعار کی رمزیت اپنے مفہوم کی توسیع اور توضیح کے لیے چند مصرعوں کی وسعت چاہتی ہے اور تضمین اسے وسعت عطا کرتی ہے۔اس تضمین کے بندوں کا تجزیہ پیش کیا جاتا ہے تاکہ تضمین کی قدر و قیمت کے تعین کے ساتھ یہ بھی اندازہ لگا یا جا سکے کہ دونوں شاعروں میں کس قدر ذہنی اور فکری مناسبت تھی اور تضمین کے بعد غزل کے ا شعار میں معنی و مفہوم اور شعری فضا کے اعتبار سے کیا کیا تبدیلیاں آئیں۔
تضمین کا پہلا بند: صبا کی پوری غزل ایک ہی موڈ میں ہے۔ اس غزل کے تمام اشعار میں کیف و اثر بھی ہے۔ اس غزل کا مطلع بھی بہت خوب ہے۔صبا نے اس شعر میں آنسو کی بوند کو موتی سے تشبیہ دی ہے جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ آنسو کوئی ایسی چیز نہیں ہے جسے یونہی ضائع کیا جائے۔ اس میں رمز کا پہلو بھی ہے جس کی وجہ سے یہ نہیں معلوم ہوتا کہ آنسو قیمتی کیوں ہے اور اس کے گر جانے سے نقصان کیا ہے؟۔ فریدی نے اس رمز کا فائدہ اٹھا کر اس میں بین المتونیت خلا پیدا کیا تین مصرعوں کا اضافہ کر کے شعر کی عمومیت اور بیان کی نوعیت کو بدل دیا ہے اور اس میں یہ نقطہ پیش کیا کہ آنسو گرتے ہی راز محبت کھل جائے گا کیوں کہ غمِ محبت کو چھپانے کی بہت کوشش کی گئی لیکن یہ کوشش فریبِ ضبط ثابت ہوئی۔ لہٰذا ایسی صورت حال میں آنسوو ں کو ضائع نہیں کرنا ہی مناسب ہے۔ تضمین کے مصرعوں سے فریدی نے اصل شعر کی توجیہ پیش کی ہے۔اس شعر میں جو روانی اور کیف و اثر ہے وہی روانی اور کیف و اثر تضمین شدہ مصرعوں میں بھی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ تضمین کے تینوں مصرعے ایک ہی شاعر کے کہے ہوئے ہیں۔
دوسرا بند: صبا اکبر آبادی کے شعر میں مایوسی اور سکوت کی کیفیت ہے۔ انہوں نے اپنے شعر میں یہ کہہ کر کہ دوسرا آشیاں بنانا مشکل ہے اس لیے جلے ہوئے تنکے ہی سمیٹ لیے جائیں، بے بسی، لاچارگی اور محرومی کا احساس دلایا ہے۔ فریدی نے تضمین کے پہلے مصرعے میں ’’کشمکشِ ضبط و غم‘‘ کے استعمال سے بے زاری کا اظہار کیا ہے۔ اس میں ضبط غم سے نجات پانے کی کوشش بھی موجود ہے۔ تیسرے مصرعے میں روحِ درد اور ہمتِ جنوں کو ایک طاقت کی شکل میں پیش کیا گیا ہے جو جلے ہوئے تنکے سمیٹ لینے میں ہمت اور حوصلہ دیتی ہے۔یعنی اصل شعر میں جو سکوت ہے اسے ہلچل میں بدل دیا ہے اور احساس تباہی کو چیلنج سمجھ کر ہمت سے اس کا سامنا کرنے کی ترغیب دے دی ہے۔اس طرح تضمین کے مصرعوں سے اصل شعر کی پوری فضا بدل جاتی ہے جو اچھی تضمین کی مثال ہے۔
تیسرا بند:صبا نے اپنے شعر میں صرف یہ کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب محبوب میرے عشق کے اثر کو کوشش کے باوجود بھی نہیں چھپا سکے گا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتا یا کہ عشق کے اثر سے محبوب کو کن کن حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔فریدی نے اپنے تین مصرعوں کی مدد سے اصل شعر میں یہ کہہ کروسعت پیدا کر دی ہے کہ محبوب پر عشق کا اثر ایسا پڑے گا کہ وہ عاشق کے بیکسی شوق دیکھ کر آہیں بھرے گا،اس کی طرف دیکھ کر رونا آئے گا اور خود اپنے عکس پر اسے محبوب کا گمان ہو گا۔ایسے حالات میں کوشش کے باوجود محبوب عشق کے اثر کو کیسے چھپا پائے گا۔
چوتھا بند:صبا اکبر آبادی اپنے شعر میں محبوب کو بلانا تو چاہتے ہیں لیکن اس سے پہلے اپنے آپ کو سنبھالنا چاہتے ہیں کیوں کہ ان کے آنسو ابھی تھمے نہیں ہیں۔ انہوں نے آنسوکی زیادتی کو ظاہر کرنے کے لیے اسے’’موجوں کی رو‘‘ سے تشبیہ دی ہے۔ صبا اکبر آبادی کے دوسرے مصرعے ’’موجوں کی رو میں پاؤ ں جمایا نہ جائے گا‘‘ میں جس ذہنی انتشار کا اظہار کیا گیا ہے اس کی شدّت کو مزید بڑھانے کے لیے فریدی نے اپنے پہلے مصرعے ’’طوفانِ اضطراب کی لہروں کو روک دوں ‘‘سے کام لیا ہے۔ صبا اکبر آبادی نے اپنے شعر میں محبوب کو بلانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے لیکن فریدی صاحب نے یہ کہہ کر اس کی توجیہ پیش کی کہ ’’وہ دن خدا نہ لائے کہ تم سے گلہ سنوں ‘‘سارا الزام محبوب پر دھر دیا ہے اور صبا کو محبت کے الزام سے بری کر دیا ہے۔
پانچواں بند :صبا اکبرآبادی کے شعر میں اس خواہش کا اظہار ہے کہ خدا جزائے عمل کی تقسیم شامِ حشر تک ملتوی کر دیں کیوں کہ ان سے اپنے نیک اعمال کا جزا حاصل کرنے کے لیے بھیڑ بھاڑ میں نہیں جایا جائے گا۔اس میں یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ خدا کے عام بندوں میں سے نہیں خاص بندوں میں سے ہیں۔ لیکن اس سے یہ نہیں معلوم ہوتا ہے کہ کیسے ؟۔فریدی نے تضمین شدہ مصرعوں میں یہ کہہ کر کہ ’’اے شعلہ غرورِ محبت ذرا بھڑک‘‘ یہ ظاہر کر دیا ہے کہ خدا کے تئیں جو محبت ہے وہ شعلہ کی مانند غیر معمولی ہے اور اس غیر معمولی محبت نے عاشق کے اندر یہ جرأت پیدا کر دی ہے کہ وہ خدا سے بے جھجک یہ کہہ سکیں کہ جزائے عمل شام حشر تک ملتوی کی جائے کیوں کہ انعام مشترک اہلِ عشق کے لیے توہین ہے۔ تضمین کے مصرعوں سے صبا اکبر آبادی کے شعر کی پوری فضا اور مفہوم میں وسعت پیدا ہو گئی ہے۔
چھٹا بند: صبا اکبر آبادی نے اپنے مقطع میں محبوب کو فتنہ گر سے خطاب کیا ہے اور یہ کہا ہے کہ ابھی تو مزارِ صبا کا نشان باقی ہے لیکن کچھ دنوں میں یہ نشان بھی ختم ہو جائے گا۔اس شعر میں محبوب سے مزارِ صبا پر حاضر ہو کر بے وفائی کے الزام کو دھونے کی طرف اشارہ ہے۔لیکن فریدی نے یہ کہہ کر کہ محبوب کا ستم برملا ہے اور ’’اک مشتِ خاک‘‘ جو اس نے مزارِ صبا پر رکھی تھی وہ اس کی وفا کا آئینہ دار ہے۔ اس لیے یہ ’’اک یادگارِ عالمِ جور و جفا ‘‘بھی ہے صبا اکبر آبادی کے شعر کا مفہوم بدل دیا ہے۔
صبا اکبرآبادی کی غزلوں پر تضمین کا یہ سلسلہ جاری رہا اور فریدی نے ان کی اور بھی غزلوں پر تضمینیں کیں اور ان کے افکار کو نئی جہتوں سے آشنا کیا اور نئی وسعتوں سے ہمکنار کیا۔ فریدی نے تضمین کے مصرعوں کی مدد سے صبا کے بیشتر اشعار کی توضیح و توجیہ پیش کی ہے اور بعض اشعار کو نئی جہت و نیا مفہوم عطا کیا ہے۔ صبا کے اشعار میں جو کیفیت اور روانی پائی جاتی ہے وہی کیفیت اور روانی فریدی نے تضمین کے مصرعوں میں پیدا کر کے صبا کی لَے سے لَے ملا دیا ہے۔ متذکرہ تضمینوں سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ د ونوں شعرا فکری، فنّی اور ذہنی طور پر ایک دوسرے سے کتنے قریب تھے۔ کیوں کہ کسی شاعر کے اشعار کی تضمین کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ تخلیقی سطح پر دونوں شعرا میں کافی مناسبت اور ذہنی ہم آہنگی ہو۔
٭٭٭

مغیث الدین فریدی یادوں کی روشنی میں

ستمبر 1986کی وہ شام آج بھی مجھے یاد ہے جب ایم-اے (اُردو) کی شبینہ کلاس کے لیے میں دہلی یونیورسٹی کی آرٹس فیکلٹی آیا تھا جہاں کلاس روم کے سامنے پارک میں ایک بزرگ استاد اپنے چند طالب علموں کے ساتھ محو گفتگو تھے۔ ان کا چہرہ گورا چٹا اور شگفتہ تھا۔ بال سفید تھے۔ ہاتھ میں ایک چھڑی تھی۔ خاندانی شرافت اور پر وقار شخصیت میں دل کشی صاف نظر آ رہی تھی۔ وہ بزرگ استاد کوئی اور نہیں ڈاکٹر مغیث الدین فریدی تھے۔ جھجھکتے ہوئے میں اُن کے قریب پہنچا اور بتایا کہ میں عقیل احمد ہوں اور کچھ روز پہلے میرا داخلہ یہاں ہوا ہے لیکن آج پہلی بار شبینہ کلاس میں حاضر ہوا ہوں۔ فریدی صاحب نے بڑی محبت سے مجھے بیٹھنے کے لیے کہا اور اپنی گفتگو جاری رکھی۔ کچھ ہی دیر میں کئی اور طلبہ وہاں آ گئے۔ کلاس کا وقت بھی ہو گیا تھا۔ فریدی صاحب نے اپنی گھڑی دیکھی اور کلاس روم میں چلنے کے لیے کہا۔ وہاں موجود تمام طلبہ ان کے ہمراہ کلاس روم کی طرف چل پڑے۔ کئی سوالات اپنے ذہن میں لیے میں وہاں کھڑا ہوا ابھی سوچ ہی رہا تھا کہ استاد نے میری طرف اشارہ کرتے ہوے کہا کہ آئیے آپ بھی تشریف لائیے۔ میں فوراً ان لوگوں کے ساتھ کلاس روم میں داخل ہوا اور ایک طرف بیٹھ گیا۔ فریدی صاحب نے مجھے کلاس کا وقت اورسلیبس لکھنے کے لیے کہا۔ پھر بعد میں انھوں نے میر کی ایک غزل پڑھائی۔ایک ہی غزل پڑھانے میں وقت ختم ہو گیا—ہر شعر کی تشریح، اس کی شاعرانہ خوبی، شعر میں اگر کوئی ’’کلیدی‘‘ لفظ ہے تو وہ کون سا ہے۔دوسرے شعرا نے اسی مضمون کو اپنے کسی شعر میں اگر باندھا ہے تو کیسے۔ رنگ و آہنگ اور دل کشی کے اعتبار سے دونوں اشعار میں کیا فرق ہے اور ان اشعار کا تہذیبی اور تاریخی پس منظر کیا ہے؟ وغیرہ وغیرہ۔ ان تمام پہلوؤں پر فریدی صاحب ایسے روشنی ڈال رہے تھے جیسے ان اشعار کے خالق و ناقد وہی ہوں —غزل کے موضوع پر جب وہ تقریر کرتے تھے تو ان کی آنکھوں میں چمک پیدا ہو جاتی تھی چہرہ کھل جاتا تھا۔ ایک عجیب و غریب کیفیت طاری ہو جاتی تھی اور ایسا لگتا تھا کہ ان کے ہونٹوں سے لیکچر نہیں پھول جھڑ رہے ہوں۔ کلاس میں سنّاٹا چھا جاتا تھا۔ ایسا لگتا تھا کہ کلاس میں ان کے شاگرد نہیں بلکہ مجسمّے بیٹھے ہوئے ہوں — فریدی صاحب کے پڑھانے کا انداز اتنا پیارا تھا کہ اکثر ان کے کلیگ چپکے سے ان کی کلاس میں جا بیٹھتے تھے۔
فریدی صاحب کلاس ختم کر کے جب واپس جانے لگتے تھے تو ان کے تمام شاگرد بھی ان کے ساتھ ساتھ باہر گیٹ تک جاتے تھے۔ گیٹ سے فریدی صاحب کی رہائش گاہ بی-٣١ ریڈس لائن کی دوری دو سو میٹر سے زیادہ نہیں تھی پھر بھی فریدی صاحب کو وہاں تک پیدل جانا گوارہ نہ تھا لہٰذا وہ ہمیشہ رکشے سے جایا کرتے تھے۔چونکہ میں اسی راستے سے انٹر نیشنل ہوسٹل جایا کرتا تھا اس لیے اکثر وہ مجھے بھی اپنے ساتھ بٹھا لیا کرتے تھے۔ کبھی کبھی کلاس کے بعد وہ سیدھے کیمپ جایا کرتے تھے جہاں سے دوائیں اور پھل وغیرہ خریدا کرتے تھے۔ کیمپ جاتے وقت وہ مجھے ضرور ساتھ لے جاتے تھے تاکہ انہیں رکشا سے اترنا نہیں پڑے۔ ایک روز میں ان کے ساتھ کیمپ جا رہا تھا کہ راستے میں انہوں نے اپنے گھر کی طرف چھڑی سے اشارہ کرتے ہوے کہا کہ وہ ہے میرا گھر— گراؤنڈ فلور پر — کل سے چھٹیاں ہو رہی ہیں۔ اگر تمہیں کچھ پوچھنا ہو تو چلے آنا لہٰذا ایک شام میں ان کے گھر گیا تو ان کے گھر کا دروازہ کھلا ہوا تھا۔ ان کے بڑے بیٹے شاہد مغیث جن کی عمر ۲۹ یا ۳۰سال کی تھی، باہر برآمدے میں گیند کھیل رہے تھے۔فریدی صاحب ڈرائنگ روم میں بیٹھے ہوئے تھے۔ انھوں نے مجھے اندر آتے ہوے دیکھ لیا تھا۔ اس سے پہلے کہ میں گھنٹی بجاتا انہوں نے اندر سے آواز دی کہ عقیل آ جاؤ میں اندر جا کر بیٹھ گیا فریدی صاحب مجھ سے کچھ پوچھنے لگے اتنے میں ان کے بیٹے شاہد جو باہر کھیل رہے تھے اندر آ گئے اور اپنے مخصوص لب و لہجے میں کچھ پرانے واقعات و حادثات اور چند نئی خبروں کی جانکاری مجھے دینے لگے جس کوسمجھنے سے میں بالکل قاصر تھا لیکن فریدی صاحب ان کی باتوں کا ترجمہ کرتے رہے۔ انھوں نے بتایا کہ شاہد جب پانچ سال کے تھے تو ان کا دماغی Developmentرک گیا تھا۔ اس وقت سے آج تک ان سے چھوٹے بچوں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ میں ان کے بیٹے کی معصوم اداؤں کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا۔ اور شاید بھائی کی وجہ سے اکثر ان کے گھر جانے لگا۔ رفتہ رفتہ میں ان کے گھر کا ایک فرد ہو گیا۔میرا بیشتر وقت ان کے گھر گذرتا۔ اس لیے فریدی صاحب کو میں نے ہر روپ میں دیکھا ہے اور ہر روپ میں میں نے انہیں ایک مثالی انسان پایا۔
فریدی صاحب ایک سچے، ایماندار اور مشفق استاد تھے۔ درس و تدریس ہی ان کی زندگی کا سب سے بڑا مقصد تھا۔ اپنے شاگردوں کی کامیابی پر فخر محسوس کرتے تھے۔فریدی صاحب نے کبھی بھی اپنی کلاس نہیں چھوڑی اور اگر چھوڑی بھی تو غیر معمولی صورت حال پیدا ہونے کے بعد۔فریدی صاحب کے گھر سے آرٹس فیکلٹی کی دوری پانچ منٹ سے زیادہ کی نہیں تھی لیکن وہ کلاس شروع ہونے سے ایک گھنٹہ پہلے اپنے گھر سے نکلتے تھے اور نکلنے سے دو گھنٹہ پہلے سے اپنے آپ کو ذہنی طور پر تیار کرتے تھے۔ انہیں کیا پڑھانا ہے اور کیسے پڑھانا ہے اس کی تیاری پہلے سے کر کے جاتے تھے۔
فریدی صاحب اپنے استاد پروفیسر حامد حسن قادری اور پروفیسررشید احمد صدیقی سے بہت متاثر تھے اور ان سے بے حد محبت کرتے تھے اور اپنے انہیں اساتذہ کی طرح اپنے شاگردوں کو شاعری کے تمام رموز و علائم سمجھاتے تھے۔
فریدی صاحب صبح سے شام تک اپنے شاگردوں اور دوستوں سے گھرے رہتے تھے۔ شبینہ کلاس کے طلبہ کے علاوہ صبح کے کلاس کے طلبہ بھی فریدی صاحب کے گھر جایا کرتے تھے اور فریدی صاحب انہیں گھنٹوں بیٹھا کر پڑھایا کرتے تھے۔ فریدی صاحب کو شاعری کے تمام اصناف پر قدرت حاصل تھی لیکن فریدی صاحب کا خاص موضوع عروض تھا لہٰذا عروض کافی دلچسپی سے پڑھایا کرتے تھے۔ اور شاگردوں سے مشق کرایا کرتے تھے۔ اپنے تمام شاگردوں میں ادبی ذوق پیدا کرنے کے لیے کو شاں رہتے تھے۔ ادبی اور شعری ذوق رکھنے والے اپنے شاگردوں اور دوستوں کے آنے سے بہت خوش ہوتے تھے بلکہ ان کی طبیعت بھی بہل جاتی تھی۔ ایسے دوستوں اور شاگردوں کو فارسی کلاسیکی شعرا، اُردو کلاسیکی شعرا اور جدید شعرا سے متعلق متعدد قصے، کہانیاں اور واقعات سنایا کرتے تھے۔ ایران کے تمام شہنشاہوں کے علاوہ ہندو ستان کے مغلیہ سلطنت کے دورِ حکومت میں شاعروں کی کیا اہمیت تھی، شاعر کس پائے کے ہوتے تھے، شاعروں کی سر پرستی شاہانِ وقت کس طرح کرتے تھے۔شاعروں نے بادشاہوں کی شان میں کس معیار کے قصیدے لکھے۔ درباروں میں قصیدے اور شاعری سنانے کے آداب کیا تھے۔ بادشاہوں نے ایک ایک شعر کے بدلے شاعروں کو کیسے کیسے انعامات و اکرامات سے نوازا اور کن کن شعرا کو سونے چاندی اور ہیرے جواہرات میں تولا گیا۔ ان ادوار کی تہذیبی، ادبی اور شعری فضا کیا تھی۔ ان ادوار کی شاعری کے محرکات و عوامل کیا تھے۔ بادشاہوں، شہزادوں، شہزادیوں اور شاعروں کے مدرکات شعرو شاعری نیز ان کی زندگی میں ہونے والے کئی دلچسپ واقعات و حادثات اور ادبی لطیفوں کا ذکر ایسے کرتے تھے جیسے انہوں نے ان ادوار کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور ان تمام پہلوؤں کا مشاہدہ کیا ہے۔مجھے افسوس ہے کہ اُن کے اتنے قریب ہونے کے باوجود میں ان کی سنائی ہوئی وہ تمام تاریخی، تہذیبی، ادبی اور شعری حکایات نوٹ نہ کر سکا اور نہ ٹیپ کر سکا ورنہ اس موضوع پر ایک نادر و نایاب کتاب لکھی جا سکتی تھی۔بلا مبالغہ فریدی صاحب علم و ادب کی ایک انجمن اور مرکز تھے۔ ان کی شخصیت سے علم کی شعاعیں پھوٹتی تھیں جس سے کئی تاریک ذہنوں کو روشنی ملی۔ میں نے جب بھی ان سے علمی و ادبی گفتگو کی یا ان سے علمی باتیں سنی تو ہمیشہ یہ محسوس کیا کہ اگر میں دن رات کتابیں پڑھتا رہوں تو بھی میری صلاحیت ان کے خاک پا کے برابر نہیں پہنچ سکتی۔ لہٰذا کبھی کبھی چھوٹے بچوں کی طرح میں سوچنے لگتا تھا کہ میرے پاس یا فریدی صاحب کے پاس کوئی غیبی طاقت ہوتی تو تھوڑی سی صلاحیت ان کے دماغ سے اپنے دماغ میں منتقل کرا لیتا اور اس طرح ان کا صحیح جاں نشیں اور شاگرد ہونے کا شرف حاصل کر لیتا۔
فریدی صاحب کو ایک والد کے روپ میں بھی بے حد قریب سے دیکھا ہے۔ فریدی صاحب کے صرف دو بیٹے ہیں۔ شاہد مغیث اور فیض الدین فریدی۔ فیض الدین فریدی ان کے چھوٹے بیٹے ہیں جو سعودی عرب میں ملازمت کرتے تھے اور مکہ معظمہ و مدینہ منورہ میں ہمیشہ حاضری دیتے تھے۔ فریدی صاحب کو مکہ معظمہ و مدینہ منورہ میں حاضر ہونے کا کبھی موقع نہیں ملا لیکن انہوں نے اپنے بیٹے کی آنکھوں سے مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کی زیارت بار بار کی ہے۔ اپنے بیٹے کی زبان سے حضور اکرم کے در بار تک اپنا سلام و پیا م پہنچایا ہے یہ شعر انہوں نے اسِ موقع پر بے ساختہ کہا تھا اور اکثر اسے رو رو کر پڑھا کرتے تھے۔
میں اپنی شومی قسمت سے دور ہوں لیکن
بشکلِ فیض ہیں قلب و نظر مدینے میں
فریدی صاحب اور ان کے بیٹے کے درمیان مرا سلات کا وہ سلسلہ محض خیرو خبر اور سلام و کلام پر مبنی نہیں تھا۔ ان مرا سلات کو اگر آپ پڑھیں تو معلوم ہو گا کہ حضور اکرام کے دربار اور فریدی صاحب کے درمیان کتنا گہرا تعلق تھا۔ اس لیے فیض فریدی کے خطوط پہلے آنکھوں سے لگاتے تھے پھر اسے بار بار پڑھتے تھے۔ اپنے شاگردوں اور دوستوں کو بھی سنایا کرتے تھے۔ پروفیسر خواجہ احمد فاروقی اور ڈاکٹر فرحت فاطمہ صاحبہ کو بھی خاص طور پر سنایا کرتے تھے۔خواجہ صاحب ان خطوط کی فوٹو اسٹیٹ کاپی اپنے فائل میں رکھتے تھے کیوں کہ ان خطوط میں مکہ معظمہ، مدینہ منورہ، مسجد نبوی، خانہ کعبہ اور دوسرے کئی مقدس مقامات کی تصویر کشی بے حد محبت، عقیدت اور جذبے سے لبریز ہوتی تھی ساتھ ہی ان کی ایک ادبی اہمیت بھی تھی۔ فریدی صاحب کو اپنے چھوٹے بیٹے فیض فریدی کی سعادت مندی، خدا اور خدا کے رسول کے تئیں جذبہ محبت پر فخر تھا۔ فیض فریدی سعود یہ سے جب دہلی تشریف لاتے اور ہوائی اڈّے پر جب دونوں باپ بیٹے ایک دوسرے سے گلے ملتے اور ایک دوسرے کو چشم عقیدت سے دیکھتے تو میری آنکھوں کے سامنے وہ منظر آ جاتا جب حضرت یعقوب علیہ السلام برسوں کی جدائی کے بعد اپنے بیٹے حضرت یوسف علیہ السلام سے ملے تھے اور بیٹے نے باپ کی تعظیم میں اور باپ نے پیغمبر بیٹے کی تعظیم میں ایک دوسرے کو سجدے کیے تھے اور ایک دوسرے کے گلے مل کر خوشی سے زار و قطار روئے تھے۔
فریدی صاحب ایک فرشتہ صفت انسان تھے۔ ان کے اندر خدا اور خدا کے رسول کے تئیں خودسپردگی کا جذبہ تھا اور یہی جذبہ صحیح معنوں میں عبادت ہے اور ایسے لوگ اپنے لیے نہیں بلکہ دوسروں کے لیے جیتے ہیں۔ اپنے فرائض کو حکم خداوندی سمجھ کر انجام دیتے ہیں۔ فریدی صاحب نے بھی اپنے تمام فرائض کو حکم خداوندی سمجھا اور بخوبی انجام دیا۔ جیسا کہ میں پہلے ذکر کر چکا ہوں فریدی صاحب کے بڑے بیٹے شاہد میاں دماغی طور پر پانچ سال کے بچے تھے لیکن جسمانی طور پر ۳۶ یا ۳۷ سال سے بھی زیادہ عمر کے تندرست و توانا نوجوان لگتے تھے۔ ان کی تمام ادائیں، حرکات و سکنات معصوم بچوں کی طرح تھیں۔ لیکن کبھی کبھی نہ جانے وہ کن ذہنی یا جسمانی تکالیف سے دو چار ہوتے تھے کہ اچانک تخریبی حرکتیں کرنے لگتے تھے۔جوتے، چپلوں اور ڈنڈوں سے وار کرنے لگتے تھے اور ان کا نشانہ زیادہ تر فریدی صاحب ہی بنتے تھے جب کہ فریدی صاحب خود دل کے مریض تھے اور دو بار اس مرض کی زد میں آ چکے تھے۔ مزید یہ کہ وہ بے حد نازک مزاج اور لطیف طبیعت کے انسان تھے۔ معمولی سے معمولی نا ساز گار حالات کو برداشت کرنا ان کے بس کی بات نہیں تھی پھر بھی انہوں نے شاید میاں کے تمام تخریبی حرکتوں کو نہ صرف برداشت کیا بلکہ اِن حرکتوں کو اُن کی معصوم اداؤں کا ایک حصّہ سمجھا اور لطف اندوز ہوئے۔شاہد میاں کی ہر ادا انہیں بھاتی تھی یہی وجہ تھی کہ فریدی صاحب نے شاہد میاں کو کبھی بھی اپنے آپ سے جدا نہیں کیا۔ انہیں کسی ہوسپیٹل یا نرسنگ ہوم میں داخل نہیں کرایا۔ ہر وقت شاہد میاں۔ شاہد میاں کرتے رہتے تھے۔ کبھی شاہد میاں کو پیار کرتے اور کبھی شاہد میاں خود انہیں پیار کرتے۔ شاہد میاں کو کبھی پانی لانے کے لیے تو کبھی پان اور چھالیا لانے کو کہتے اور کبھی فیض میاں کو یا کبھی ان کی والدہ کو بلانے کے لیے کہتے اور اس طرح شاہد میاں ایک فرما ں بردار بچّے کی طرح فریدی صاحب کی خدمت میں مشغول نظر آتے۔ فریدی صاحب جب کبھی شاہد میاں کو کھِلونے یا گیند یا ٹوفی لا کر دیتے تو شاہد میاں خوشی سے اُچھل جاتے تھے اور ان کی آنکھوں میں خوشی کی چمک دیکھ کر فریدی صاحب کی آنکھیں خوشی سے بھر جاتی تھیں۔ شاہد میاں کی چھوٹی چھوٹی آرزوؤں کی تکمیل کرنا، ان کی خدمت کرنا، ان کی داڑھی بنانا، ان کا منھ دھلانا، انہیں نہلانا، ان کو کپڑے پہنانا اور ان کا خیال رکھنا ہی فریدی صاحب نے اپنی زندگی کا مقصد جانا فریدی صاحب کے یہ تمام اعمال عبادت ہی تو ہیں۔ اس سے بڑی عبادت اور کیا ہو سکتی ہے؟
فریدی صاحب کی بیگم صاحبہ مشرف جہاں فریدی ممتا کا مجسّمہ ہیں۔ ان کی تمام زندگی شاہد میاں کی زندگی کے ساتھ سمٹ کر رہ گئی ہے انہوں نے اپنی تمام خوشیوں اور آرزوؤں کا گلا گھونٹ کر اپنے آپ کو شاہد میاں کے لیے وقف کر دیا ہے۔ شاہد میاں کے ماضی کی چند ہیبت ناک یادیں اور مستقبل کے تصورات کسی ’’بری بلا‘‘ سے کم نہیں ہیں۔ ایسی کئی ’’بری بلاؤں ‘‘کے تصورات نے انہیں جیتے جی مار ڈالا ہے۔ نیز انہوں نے فریدی صاحب کی شاعری اور وضع داری کی ناز برداری بھی کی۔ فریدی صاحب کو اپنی شریک حیات کی قربانیوں کا احساس تھا اور وہ تمام عمر ان کی رفاقت پر نازاں اور ان کی عالی ظرفی اور تحمل کے ممنون رہے۔ فریدی صاحب نے ہمیشہ ان کی دل جوئی کی اور خوش رکھنے کی کوشش کی۔ فریدی صاحب کو اپنی شریک حیات کی پکائی ہوئی دال، قورمہ، شامی کباب، نرگسی کوفتے، بریانی، اور لہسن مرچ کی چٹنی کے علاوہ کوئی بھی میٹھی چیز بے حد پسند تھی۔ مزے لے لے کر کھاتے اور تعریف کرتے۔ کھانا کھانے کے دوران طرح طرح کے پکوانوں اور پھلوں کا بھی ذکر کرتے جسے انہوں نے اپنے بچپن میں کھایا تھا۔ ان کی والدہ، ان کی پھوپھیاں، ان کی بہنیں اور ان کی ساس اور ان کی شریک حیات کی بڑی بہنیں کیا کیا ڈشیں بنایا کرتی تھیں اور ان خاص خاص ڈشوں کی ترکیبیں اور خوبیاں کیا تھیں۔ مغل شہنشاہ، شہزادے شہزادیاں اور لکھنو کے نوابین کے دستر خوان پر کس کس طرح کے کھانے چنے جاتے تھے۔ کھانے پینے کے ایسے لوازمات کی منظر کشی دبستان لکھنو اور دہلی کی نمائندہ داستانوں میں کی گئی ہے۔ اس طرح کی تمام باتیں فریدی صاحب کھانے کے دوران کرتے تھے اور اِن کے ساتھ بیٹھے ہوے گھر کے تمام فرد بڑی دلچسپی سے سنتے رہتے تھے۔
فریدی صاحب اپنے ننھّے پوتے عظیم محمد فریدی اور پوتی منیبہ فریدی سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ ان دونوں بچوں کے ساتھ خود بھی بچہ بن جاتے تھے اور انہیں بچوں کے لب و لہجہ میں گفتگو بھی کرتے تھے۔ اُن بچوں کے مخصوص لب و لہجہ اور زبان میں نظمیں بھی لکھا کرتے تھے اور اپنے گھر آنے جانے والوں کو سنایا کرتے اور خود بھی بار بار پڑھ کر خوش ہوتے۔ کانپور میں ادبی اور شعری سرگرمیاں نہیں کے برابر تھیں۔ شاگردوں اور دوستوں کا حلقہ بھی نہیں تھا ایسے میں یہ دونوں بچے ہی ان کے جینے کا سہارا تھے۔ایک ہاتھ میں چھڑی اور دوسرے ہاتھ سے بچوں کو سنبھالے ہوئے گُپتا کی دکان پر چلے جاتے تھے اور بچوں کو کبھی کھلونے تو کبھی ٹوفیاں دلاتے کبھی کبھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوے اُن کی بہو صبا فریدی بھی گھر کے سودوں کی ایک طویل فہرست انہیں تھما دیا کرتیں اور فریدی صاحب خوشی خوشی سودے بھی لا دیا کرتے۔ فریدی صاحب کے دونوں بیٹے انہیں انکل کہہ کر پکارتے تھے لیکن ان کی بہو اور دونوں بچے انہیں اباّ کہا کرتے تھے اور فریدی صاحب کو اباّ کہلوانا اچھا لگتا تھا۔
فریدی صاحب اپنے چھوٹے بھائی معین فریدی جو نواب میاں کے نام سے مشہور تھے اور آگرہ کے ایک اسکول میں استاد تھے،سے بے پناہ محبت کرتے تھے۔ ہر وقت نواب میاں نواب میاں کرتے ہر پریشانی اور الجھن کے موقع پر انہیں طلب کرتے اور وہ بھی فوراً آگرہ سے دہلی آ جاتے۔ دونوں بھائیوں میں جو محبت تھی ایسی محبت میں نے صرف ٹی وی سیریل ’’رامائن‘‘ میں دیکھی ہے۔ معین فریدی گال بلاڈر کے مرض میں مبتلا ہوے۔ فوراً آپریشن کہا گیا لیکن اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا اور آخر میں اللہ کو پیارے ہو گئے۔ اس سانحہ کے بعد فریدی صاحب ٹوٹ گئے تھے۔ اس سانحہ کو یاد کر کے ان کی نیند اُڑ جاتی تھی اور بھائی کی جدائی کا صدمہ برداشت نہیں کر پاتے تھے۔
فریدی صاحب اپنے تمام شاگردوں، دوستوں اور عزیزوں سے محبت کرتے تھے لیکن اپنے شاگردوں اور شاگرداؤں میں سب سے زیادہ محبت شکیلہ بیگم سے کرتے تھے۔ شکیلہ بیگم مولانا واصف دہلوی مرحوم کی صاحب زادی اور مفتی کفایت اللہ، جن کا ذکر پنڈت جواہر لال نہرو نے Discovery of Indiaمیں کیا ہے، کی پوتی ہیں۔ فریدی صاحب کے چونکہ کوئی بیٹی نہیں تھی لہٰذا وہ انہیں اپنی بیٹی کی طرح مانتے تھے۔
فریدی صاحب اپنے دوستوں میں سب سے زیادہ پروفیسر خواجہ احمد فاروقی سے محبت کرتے تھے۔ ان کے بعد ڈاکٹر شریف احمد، پروفیسر ظہیر احمد صدیقی، ڈاکٹر تنویر احمد علوی، پروفیسر امیر عارفی، حیات جاوید صاحب، پروفیسر جی سی گوئل اور ڈاکٹر فہیم خاص ہیں۔ فریدی صاحب پروفیسر خواجہ احمد فاروقی کی دونوں بیٹیوں ڈاکٹر فرحت فاطمہ اور نزہت فہیم سے بھی بے پناہ محبت کرتے تھے۔ فریدی صاحب، استاد محترم ڈاکٹر شریف احمد اور ڈاکٹر تنویر احمد علوی صاحب کی علمی صلاحیتوں کے معترف تھے اور انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ شعبہ اردو کی عزت و وقار بڑھانے میں پروفیسر خواجہ احمد فاروقی کے جو کارنامے ہیں ان کا ذکر فریدی صاحب ہمیشہ کرتے تھے۔ فاروقی صاحب کی نفاست پسندی، عمدہ کاغذ اور قلم کا استعمال، ہمیشہ سوٹِڈبوٹڈ رہنا فریدی صاحب کو بہت پسند تھا۔ فریدی صاحب کہا کرتے تھے کہ آتش شاعری میں اور فاروقی صاحب نثر میں مرصع سازی کے قائل تھے۔
فریدی صاحب اپنے اساتذہ حضرات کا ذکر خیر بے حد احترام و عقیدت اور محبت سے کرتے تھے۔ ان میں ایک اہم نام حضرت نظام فتح پوری کا ہے جنہوں نے فریدی صاحب کی ابتدائی شاعری کی اصلاح فرمائی۔ فریدی صاحب آٹھویں کلاس کے طالب علم تھے تو اس وقت انہوں نے چند اشعار ’’سلام‘‘ کے کہے تھے جن کی اصلاح حضرت نظام فتح پوری نے کی تھی۔ ان اشعار کو دیکھ کر حضرتِ نظام فتح پوری نے پہلے ہی بھانپ لیا تھا کہ فریدی صاحب کے اندر بے شمار تخلیقی امکانات چھپے ہوے ہیں۔ انگریزی کے کسی تخلیق کار نے ٹھیک ہی کہا ہے کہ:
Military genius of Napolian and contemplative tendency of Lord Buddha were already manifested in their boyish pranks, sports and games. Milton in his Lost Paradise and Regain Paradise has said that child is the father of the man as morning shows the day.''
بہرحال نظامی صاحب نے فریدی صاحب کی ہمت افزائی کی، ان کے سینے میں شعر و ادب کی جو چنگاری دبی ہوئی تھی اسے ہوا دی، ان کے اندر تخلیقی شعور بیدار کیا۔ فریدی صاحب نے بھی شعرو ادب کے جوہر کو بروئے کار لانے کی مسلسل کوشش کی اور پیچھے مڑ کر کبھی نہیں دیکھا۔ شاید علاّمہ اقبال نے فارسی کا یہ شعر فریدی صاحب کے لیے کہا تھا کہ:
ز شرر ستارہ جوئم زستارہ آفتابے
سرِ منزلے ندارم کہ بمیرم از قرارے
حضرتِ نظام فتح پوری کے علاوہ فریدی صاحب اپنے ہائی اسکول کے استاد مولوی سید حامد علی کا بھی ذکر کرتے تھے جنہوں نے اردو اور فارسی کی غزلیں انہیں پڑھائیں اور ان کی ابتدائی غزلوں کی نوک پلک درست کی۔
آگرہ کالج کے اساتذہ حضرات میں محمد طاہر فاروقی کا ذکر فریدی صاحب ہمیشہ کیا کرتے تھے۔ محمد طاہر فاروقی، فریدی صاحب کے مشفق، مہربان اور ہمدرد استاد ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے سر پر ست بھی تھے۔ فریدی صاحب کو انہوں نے تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت بھی دی۔ فریدی صاحب تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی اہمیت پر بھی زور دیتے تھے۔ فریدی صاحب کہا کرتے تھے کہ پرانی قدریں ختم ہوتی جا رہی ہیں اسکول اور کالجوں کے ماحول مجروح ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ آج کل کے طالب علم تعلیم تو حاصل کر لیتے ہیں لیکن تربیت حاصل نہیں کر پاتے میرے زمانہ طالب علمی میں طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی حاصل کرتے تھے لیکن اب صورتِ حال یہ ہے کہ ’’وہ اثر کہن نہ تری حکایتِ سوز میں نہ مری حدیثِ گداز میں ہے۔‘‘
فریدی صاحب کو آگرہ شہر، آگرے کا تاج محل اور آگرے کے تمام شعرا کرام بے حد پسند تھے۔ اپنے طالب علمی کے زمانے کے ادبی اور شعری سر گرمیوں کا ذکر وہ بار بار کیا کرتے تھے۔ وہاں کی شعری محفلوں کو رونق بخشنے والے مقامی شعرا میں سیماب اکبر آبادی، اخضر اکبر آبادی، میکش اکبرآبادی، اعجاز صدیقی، رعنا اکبر آبادی اور صبا اکبر آبادی—باہر کے شعرا میں فراق گورکھ پوری، جوش ملیح آبادی، جگر مراد آبادی، قمر بدایونی،حفیظ جالندھری، ساغر نظامی، روش صدیقی، مجاز لکھنوی، جاں نثار اختر نشور واحدی، معین احسن جذبی، راز مراد آبادی اور شکیل بدایونی وغیرہ خاص تھے جن کا ذکر کرتے ہوے فریدی صاحب فخر محسوس کرتے تھے ان شعرا کرام سے وابستہ بے شمار یادیں، قصے، کہانیاں اور ان کی نجی زندگی کے حالات فریدی صاحب کی یادداشت میں محفوظ تھے جن کا ذکر وہ اکثر کیا کرتے تھے۔
علی گڑھ یونیورسیٹی سے فریدی صاحب کا گہرا تعلق رہا ہے۔ انہوں نے وہیں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی تھی۔ علی گڑھ کے شعبہ اردو کے اساتذہ حضرات پروفیسر رشید احمد صدیقی، مسعود حسن خاں، ڈاکٹر عزیز، سید ظہیر الدین علوی کے علاوہ دوسرے شعبہ کے اساتذہ حضرات ڈاکٹر ہادی حسن، مولانا ضیاء احمد بدایونی، محمد حبیب، خواجہ منظور حسین، بابر مرزا اور مولانا عبدالعزیز میمن وغیرہ کا ذکر وہ ہمیشہ کرتے رہتے تھے۔ ان اساتذہ حضرات کی صحبت سے استفادہ کرنے کا انہیں فخر تھا۔ان اساتذہ حضرات میں سب سے زیادہ پروفیسر رشید احمد صدیقی سے متاثر ہوئے تھے اور مستفید بھی۔ پروفیسر رشید احمد صدیقی سے ان کی پہلی ملاقات کب اور کن حالات میں ہوئی تھی، پروفیسر رشید احمد صدیقی سے ان کی قربت کی انتہا کیا تھی، رشید صاحب اور ان کے تعلقات کو دیکھ کردوسرے حضرات کیسے رشک کرتے تھے۔ رشک کرنے والے حضرات میں پروفیسر ظہیر احمد صدیقی بھی تھے۔تبھی سے پروفیسر ظہیر احمد صدیقی فریدی صاحب کو اپنا بڑا بھائی ماننے لگے تھے۔ دہلی میں بھی یہ رشتہ آخر آخر تک برقرار رہا۔ پروفیسر رشید احمد صدیقی کی پوری شخصیت، ان کی اہمیت،نثر نگاری اور تنقید نگاری کے علاوہ لکچرس میں جملوں کی حسنِ ادائیگی اور ان کے ایک ایک جملے کی ادبی اہمیت پر گھنٹوں گفتگو کرتے تھے۔ فریدی صاحب کہا کرتے تھے کہ رشید صاحب کا ہر جملہ تشریح طلب ہوتا ہے۔ان کے ہر جملوں کو رُک رُک کر اور سمجھ سمجھ کر پڑھنے سے لطف آتا ہے۔ کسی بھی موضوع یا مدعا کی وضاحت زیادہ سے زیادہ لفظوں کے سہارے کرنا آسان کام ہے لیکن کم لفظوں میں اس کی وضاحت کرنا بہت مشکل کام ہے۔ یہ آرٹ بھی ہے اور اس آرٹ کا بہترین نمونہ رشید صاحب کے مضامین ہیں۔ فریدی صاحب کہا کرتے تھے کہ رشید احمد صدیقی کی کتاب ’’غالب کی شخصیت اور شاعری‘‘ کے بعض جملے چھوٹے چھوٹے مضامین کے برابر ہیں۔ رشید صاحب کے مزاج میں طنزو مزاح کا جو لطیف حسن ہے اس کا جواب نہیں۔ نیز رشید احمد صدیقی کی طبیعت میں موجود طنزو مزاح کے جو ہر کا بر محل استعمال اور سا معین کے ردِّ عمل وغیرہ سے متعلق بے شمار قصّے اور لطیفے فریدی صاحب سنایا کرتے تھے۔ رشید احمد صدیقی کے وسیلے سے فریدی صاحب کا تعلق سابق صدر جمہور یہ ڈاکٹر ذاکر حسین سے بھی تھا۔ رشید صاحب ذاکر صاحب کے قریبی دوستوں میں سے تھے اور دونوں ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے تھے۔ رشید صاحب کا راشٹر پتی بھون میں آنا جانا لگا رہتا تھا۔ فریدی صاحب کبھی رشید صاحب کے ہمراہ، کبھی ان کا خط اور پیغام لے کر راشٹر پتی بھون جایا کرتے تھے اور کبھی کبھی وہاں سے انہیں طلب بھی کیا جاتا تھا۔ فریدی صاحب ان تمام واقعات کا ذکر وقتاً فوقتاً کیا کرتے تھے حالاں کہ اس طرح کے تعلقات کو مشتہر کرنا ان کا مزاج نہیں تھا۔ سابق صدر جمہور یہ ڈاکٹر ذاکر حسین کے عادات و اطوار، ان کے پسند و ناپسند کا بھی فریدی صاحب نے مشاہدہ کیا تھا نیز ہندو ستان کے طرز تعلیم کے تئیں ذاکر صاحب کا نظر یہ کیا تھا، معاشرے میں وہ کس طرح کی تبدیلی چاہتے تھے ان پہلوؤں پر فریدی صاحب ہمیشہ باتیں کرتے تھے۔ اس کے علاوہ راشٹر پتی بھون کے کمرے، ہال، اندرونی ڈیکوریشن اور صدرہاؤس کے اطراف کے باغات، خاص طور پر مغل گارڈن اور مغل گارڈن میں موجود گلاب کے پھولوں کے اقسام اور پھر ذاکر صاحب نے ان پھولوں کے پودوں کو کن کن ملکوں سے منگوایا تھا۔ اُن پھولوں اوردیسی گلاب کے پھولوں میں رنگ، خوشبو اور سائز میں کیا فرق ہے۔ مغل گارڈن کی تاریخ نیز ہندو ستان کے ان تمام باغوں پر تبصرہ کرتے تھے جنہیں مغلوں نے تفریح گاہ کے طور پر بنایا تھا۔اور ان باغوں کا Concept ایران سے حاصل کیا تھا۔فریدی صاحب کی ان تمام باتوں کو سن کر ایسا لگتا تھا کہ ان کے حالات اگر سازگار ہوتے اور وہ ان تمام باتوں کو لکھ ڈالتے تو یقیناً وہ اپنے دور کے مولانا ابو الکلام آزاد ہوتے اور ان کی نثر غبارِ خاطر کی طرح مشہور ہوتی۔
فریدی صاحب کے علمی و ادبی سفر میں کلائی مِکس کا دور وہ تھا جب وہ علی گڈھ میں زیر تعلیم تھے اور وہاں کی تمام ادبی و شعری سرگرمیوں میں نہ صرف شریک ہوتے بلکہ اس سے مستفید اور محظوظ بھی ہو تے۔ فریدی صاحب کہا کرتے تھے کہ وہ دور ان کی زندگی کاسنہرہ دور تھا۔ علی گڈھ یونیورسٹی کی تہذیب، وہاں کی پروردہ عظیم شخصیتیں، علی گڈھ سے وابستہ ہزاروں قصّے کہانیاں، واقعات و حادثات اور لطیفے مزے لے لے کر سنایا کرتے تھے۔ سر سید احمد خان سے انہیں جذباتی لگاؤ تھا۔ سر سید احمد خان کے کارناموں، مسلم قوم کے تئیں ان کا خلوص، مسلمانوں کے علمی، معاشی اور سماجی حالات بہتر بنانے کا جذبہ وغیرہ موضوعات پر گفتگو کرتے وقت وہ جذباتی ہو جاتے تھے اور بعض دفعہ رونے لگتے تھے۔
فریدی صاحب کو اپنا بچپن بہت پیارا لگتا تھا۔ وہ اپنے بچپن کے زمانے کو ہمیشہ یاد کرتے تھے۔ اگر ان کا بس چلتا تو ایک بار اُسی زمانے میں واپس چلے جاتے۔ ان کے والد محترم ملازمت کے دوران ماٹ تحصیل میں رجسٹرارتھے اور وہیں رہتے تھے آلودگی سے پاک فضا اور گاؤں کا ماحول انہیں اچھا لگتا تھا۔ گاؤں میں مٹّی سے بنے گھر، مٹّی کی صراحی اور مٹکے کا ٹھنڈا اور میٹھا پانی، مٹی کے برتنوں میں جمے ہوے دہی، اور مٹی کے کلّھڑ میں گرم گرم دودھ کے ذائقے کا ذکر وہ ایسے کرتے تھے کہ سننے والوں کو غالب کا وہ مصرعہ یاد آنے لگتا تھا کہ:
جامِ جم سے یہ مرا جامِ سفال اچھا ہے
گاؤں کی کھُلی ہوئی فضا میں طلوع آفتاب و غروبِ آفتاب کے مناظر اور شام میں پیپل کے درختوں پر چڑیوں کا چہچہانا اور رات میں جگنوؤں کی چمچماہٹ جس کا ذکر وہ اکثر کرتے تھے۔ ملیح آباد کے آموں، الہ آباد کے امرو دوں اور ماٹ کے خربوزوں کی تعریف ایسے کرتے تھے جیسے یہ دنیا وی نہیں بلکہ بہشتی پھل ہوں۔ ماٹ کے علاقے کے خربوزوں کی خصوصیت بیان کرتے نہیں تھکتے تھے خاص طور پرماٹ کے ان خربوزوں کا ذکر تو وہ اکثر کرتے تھے جنہیں جمنا کے کنارے ریت میں دبا دیا جاتا تھا جس سے وہ خربوزے ٹھنڈے ہو جاتے تھے اور ان کی مٹھاس بھی بڑھ جاتی تھی۔ گاؤں کی تازہ ترین مختلف قسم کی سبزیاں جنہیں یوریا کے بجائے گوبر کی کھاد سے اُگایا جاتا تھا ان کا ذائقہ شہر کی سبزیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہوتا تھا۔ کھیتوں میں دور دور تک ہرے بھرے لہلہاتے ہوے پودے جن پر نظر دوڑائیے تو آنکھوں میں ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے۔ کھیت کھلیانوں میں غلّوں کے ڈھیر جس میں کوئی ملاوٹ نہیں وغیرہ نہ جانے کتنی ہی چیزوں کا ذکر فریدی صاحب کیا کرتے تھے۔
فریدی صاحب کے ساتھ آگرہ، علی گڈھ، کانپور اور لکھنو کے علاوہ حیدرآباد وغیرہ شہروں کا میں نے سفر کیا ہے۔ فریدی صاحب سفر کی صعوبتوں سے بہت گھبراتے تھے۔ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے ریلوے اسٹیشن پہنچ جایا کرتے تھے۔ وہاں پوری طرح سستاتے تھے اور وہاں کی گھٹیا چائے بھی مزے لے لے کر پیتے تھے اور اپنے ساتھ موجود دوسرے لوگوں کو بھی پلایا کرتے تھے۔ کہتے تھے کہ اسٹیشن پر چائے پینے کی عادت انہیں علی گڑھ میں پڑی تھی۔ علی گڑھ یونیورسیٹی کے اساتذہ جب باہر جاتے تھے تو انہیں الوداع کہنے ان کے شاگرد بھی جایا کرتے جنہیں اسٹیشن پر چائے پلانا لازمی تھا کیوں کہ وہاں کی یہ روایت تھی۔ فریدی صاحب پہلے درجہ اور ایرکنڈیشن ڈبّوں میں ہی سفر کرتے تھے۔ سفر کے دوران اپنے ہمدردانہ و مخلصانہ سلوک اور لچھے دار گفتگو سے اپنے ہم سفروں کو اپنی طرف متوجہ کر لیتے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے تمام مسافروں سے دوستوں اور شاگردوں کی طرح پیش آنے لگتے۔ ان میں سے بعضوں کو تو دہلی آنے کی دعوت بھی دے ڈالتے تھے۔ فریدی صاحب کے ساتھ میرا سب سے یاد گار سفر حیدر آباد کا تھا۔جہاں ہم لوگ عارفی صاحب کی بڑی صاحب زادی کی شادی میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ 1987میں غالباً جولائی کا مہینہ تھا۔ بے انتہا بارش ہو رہی تھی ملک کے مختلف علاقوں میں ریلوے لائنیں بھی متاثر ہوئی تھیں لہٰذا کئی ریل گاڑیاں یا تو رد کر دی گئی تھیں یا ان کے راستے تبدیل کر دیے گیے تھے۔ پروفیسر امیر عارفی صاحب ویسے بھی فریدی صاحب کے عزیزدوستوں میں شامل تھے اور فریدی صاحب نے شادی میں شریک ہونے کا وعدہ کر لیا تھا۔ لہٰذا تمام ناساز گار حالات کے باوجود ہم لوگ حیدرآباد کے سفر پر نکل پڑے۔ جس ٹرین سے ہم لوگ حیدرآباد جا رہے تھے راستے میں معلوم ہوا کہ اس ٹرین کا بھی راستہ بدل دیا گیا ہے۔ لہٰذا راستے میں کسی اسٹیشن پر رات بھر حیدرآباد جانے والے مسافروں کو ٹھہرنا پڑا۔ دوسرے دن جب کوئی دوسری ٹرین وہاں آئی تو مسافروں کو راحت ملی۔ مجھے ڈر تھا کہ فریدی صاحب کی کہیں طبیعت نہ خراب ہو جائے لیکن ان کے چہرے پر وہی بشاشت تھی اور وہ اس ہنگامی حالات میں بھی غزل کے اشعار کی تخلیق میں محو تھے۔ بہر حال کسی طرح دوسرے دن صبح ہم لوگ حیدر آباد پہنچے اور شروع کے دو دن شادی کی گہما گہمی اور مختلف رسوم کی ادائیگی کا نظارہ کرتے رہے لیکن تیسرے دن راج بہادر گوڑ صاحب کی کسی رشتہ دار خاتون کی رہنمائی میں تاریخی شہر حیدر آباد کی سیر کرنے کے لیے نکلے۔ چار مینار، قلعہ اور خاص طور پر وہ پل جسے قلی قطب شاہ کے والد نے اپنے بیٹے اور ولی عہد سلطنت قلی قطب شاہ کے لیے بنوایا تھا۔ جس سے گزر کر قلی قطب شاہ اپنی محبوبہ بھاگمتی سے ملنے جایا کرتا ورنہ اس پل کے بننے سے پہلے پانی سے بھرے ہوئے دریا میں قلی قطب شاہ اپنے گھوڑے دوڑا دیتا تھا۔ فریدی صاحب نے وہاں کی پرانی عمارتوں اور سالار جنگ میوزیم وغیرہ کو نہ صرف دیکھا بلکہ ان ادوار کی پوری تاریخ بھی بتائی۔ سالار جنگ میوزیم کو دیکھ بہت متاثر ہوئے۔ کہنے لگے کہ حیدرآباد کا دوبارہ سفر کرنا پڑے گا کیوں کہ اس میوزیم کو ایک یا دو دِنوں میں دیکھنا ممکن نہیں ہے۔ اسے دیکھنے کے لیے کم سے کم ایک ہفتہ چاہیے لیکن وقت اور حالات نے انہیں وہاں دوبارہ جانے کا موقع نہیں دیا۔ فریدی صاحب کا تعلق صوفیائے کرام سے تھا حضرت سلیم چشتی ان کے جد تھے اور ان کے وسیلے سے ان کا رشتہ با با فرید گنج شکر تک پہنچتا ہے۔ یہ والد کا شجرہ ہے اور والدہ کی طرف سے فریدی صاحب مولانا احمد حسن صاحب محدث کانپوری، جو اپنے زمانے کے جید عالم اور محدث تھے، فریدی صاحب کے حقیقی نانا تھے جن کی شہرت ہندوستان سے سر زمینِ عرب تک تھی بڑے بڑے بزرگانِ دین اور علماء حضرات ان کے سامنے دست بستہ کھڑے رہتے تھے۔ فریدی صاحب اگر چاہتے تو فتح پو ر سیکری میں واقع حضرت سلیم چشتی کے جانشین بن سکتے تھے اور پیری مر یدی کا سلسلہ بہ طرزِ ا حسن قائم کر سکتے تھے۔ لیکن فریدی صاحب کی ذہنی پرورش ہی اس ڈھنگ سے ہوئی تھی کہ وہ کبھی بھی اپنے شجرے کی تشہیر کر کے لوگوں پر رعب نہیں ڈالنا چاہتے تھے۔ بار بار میں خود ان کے ساتھ محبوب الٰہی حضرت نظام الدین اولیا اور خواجہ بختیار کاکی کے درگاہوں پر حاضر ہوا ہوں اور وہاں دور دور سے آنے والے لوگوں کو جب یہ معلوم ہوتا تھا کہ فریدی صاحب کا تعلق بابا فرید گنج شکر اور شیخ سلیم چشتی کے خاندان سے ہے تو لوگ فرطِ عقیدت میں ان کے ہاتھ چومنا چاہتے اور نذرانے پیش کرنا چاہتے جسے فریدی صاحب بہت محبت سے ٹال دیا کرتے تھے۔ ایک دفعہ مکھرجی نگر سے چند مذہبی سردار ان کے گھر تشریف لائے اور ان سے گزارش کی کہ وہ مکھرجی نگر کے گرو دوارے میں بابا فرید کی تعلیمات پر ایک لیکچر دیں واضح رہے کہ بابا فرید کی تعلیمات کا ذکر گرو گرنتھ صاحب میں جگہ جگہ کیا گیا ہے۔ فریدی صاحب گرو دوارے میں جانے کے حق میں نہ تھے لیکن یہ سوچ کر وہاں چلے گئے کہ کسی کا دل توڑنا مناسب نہیں ہے اور خاص کر جہاں مذہبی عقیدت کا سوال ہو۔ گرودوارے میں پہنچ کر انھوں نے جو عالمانہ تقریر کی اس نے ایک سماں باندھ دیا۔ لوگ فرطِ عقیدت سے انھیں نذرانے دینے لگے جسے انہوں نے اسی وقت گوردوارہ کو دے دیا اور وہ شالیں جو انہیں وہاں دی گئی تھیں دروازے پر کھڑے غریبوں کو پیش کر دیں۔ اس واقعے سے فریدی صاحب کی ذہنیت اور تربیت کا اندازہ ہوتا ہے۔فریدی صاحب صوفیانہ عقائد اور تعلیمات کے متعلق اکثر اپنے خیالات کا اظہار کرتے تھے۔ کہتے تھے کہ اسلام کو پھیلانے میں انہیں صوفیائے کرام کا سب سے زیادہ ہاتھ ہے لیکن آج کل خانقاہوں کا ماحول خراب ہو چکا ہے۔ صوفیائے کرام کے نام کو بیچ کر پیسے کمائے جا رہے ہیں اور عقیدت مندوں کا استحصال کیا جا رہا ہے جس سے ایک عام انسان اسلام سے دور ہوتا جا رہا ہے۔
فریدی صاحب ١٩٩۱ء میں دہلی یونیورسیٹی کے شعبہ اُردو کی ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد ۱۹۹۲ء میں کانپور چلے گیے۔ ان کے کانپور جانے سے پہلے میرا زیادہ تر وقت ان کے گھر پر ان کے ساتھ گزرتا تھا۔ رفتہ رفتہ میرے اور ان کے تعلقات استاد اور شاگرد کے دائرے کو توڑ کر باپ اور بیٹے کے مانند ہو گئے تھے لہٰذا ان کے یہاں سے چلے جانے کے بعد بھی میں ذہنی طور پر ان سے کبھی جدا نہیں ہوا۔خط و کتابت اور فون کے ذریعہ ہمیشہ رابطہ قائم رہا۔ مختلف مسائل اور موضوعات پر ان سے تبادلہ خیال ہوتا رہا۔ موقع مِلتے ہی میں ان کی خدمت میں حاضر ہو جاتا تھا۔ ۱۹۹۳ء میں دل کا دورا پڑنے سے میری ماں کا اچانک انتقال ہو گیا۔فریدی صاحب اس سانحے سے بے حد متاثر ہوئے۔ انہوں نے اقبال کی نظم ’’والدہ مرحومہ کی یاد میں ‘‘ کے ایک مصرع سے میری والدہ مرحومہ کی تاریخ وفات نکالی۔
درد بن کر ’’نور‘‘ چھلکا مصرع تاریخ سے
’’یادسے تیری دِل درد آشنا معمور ہے‘‘
فریدی صاحب نے اس وقت مجھے خط لکھ کر کانپور بلایا اور میں ان کے ساتھ لگاتا ر دو مہینے تک رہا۔ فریدی صاحب سے میری آخری ملاقات اپریل 2001میں ہوئی تھی۔ اس وقت وہ کافی کمزور ہو گیے تھے۔ چلنے پھرنے سے بھی معذور ہو گیے تھے لیکن دماغی اور ذہنی طور پر بالکل ٹھیک تھے۔ انہوں نے میر تقی میر کے ایک ہم عصر مگر گم نام شاعر محمد امان نثار کے دیوان کی تدوین کا کام میرے ذمہ کیا اور اس موضوع پر کام کرنے کے سلسلے میں ایک پلان بنا کر مجھے دیا۔ساتھ ہی انہوں نے محمد امان نثار کے دیوان کے سلسلہ میں ایک تعارفی مضمون لکھ کر دیا جس کے آخر میں انہوں نے یہ اعلان کیا ہے کہ محمد امان نثار کے دیوان کی تدوین کا کام میرے شاگرد ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کر رہے ہیں جو جلد ہی منظرِ عام پر آ جائے گا۔ فریدی صاحب کا یہ مضمون ایوانِ اردو میں شائع ہونے والا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی ایک تازہ غزل سنائی جسے میں نے فوراً لکھ لیا اور شائع کرانے کے لیے ایوانِ اردو کو دے دیا۔ اس غزل کا مقطع فریدی صاحب کی زندگی کی آخری خواہش کا ترجمان ہے جس میں مایوسی کا احساس بھی ہے۔
کوئی دستک، کوئی آہٹ، کوئی جھونکا، کوئی خوشبو
فریدی دل کو بس زندہ اسی ارماں میں رکھتے ہیں
فریدی صاحب کے انتقال کے ایک ہفتہ پہلے میں نے انہیں اپنی کتاب ’’فنِ تضمین نگاری —تنقید و تجزیہ‘‘ کی تین کا پیاں بھیجی تھیں اس کے ساتھ ایک خط بھی لکھا تھا۔ مجھے اپنے خط کا جواب اور اپنی کتاب پر ان کے تاثرات کا انتظار تھا کہ اچانک ان کے انتقال کی خبر ملی۔ یہ منحوس خبر میرے لیے کتنی جانکاہ تھی اس کا اندازہ صرف خدا کوہوسکتا ہے۔میں بھاگ کر کانپور پہنچا۔لیکن اب کیا تھا سب کچھ ختم ہو چکا تھا۔وہ شجرسایہ دار جس کے سائے میں میں نے اپنی زندگی کے بہترین شب و روز گذارے تھے جڑسے اُکھڑ چکا تھا۔مجھے اس وقت احساس ہوا کہ اب میں بے آسمان ہو گیا شفقت و محبت کا وہ مینار نور یوں بجھ گیا کہ بس خدا انہیں جنت الفردوس اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین۔
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
٭٭٭
ماخذ
http://aquilahmad.blogspot.in/
:تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مغیث الاسلام فریدی: فن اور شخصیت