ملال اور دوسرے افسانے
علی حسن سمند طور
بستی کی آخری بدصورتی
بیدار احمد موڑ کاٹ کر بڑی سڑک پہ آ گئے۔ اس دور رویہ سڑک کے دونوں طرف پیدل چلنے والوں کے لیے ایسی راہ گزر تھیں جن کے اوپر مختلف بیلوں کی چھت تنی تھیں اور یوں اس چھت کے نیچے راستے، سایہ دار تھے۔ بیدار احمد سڑک کے بائیں طرف والی راہ گزر پہ چل رہے تھے۔ اس طرف کی بیل اوپر لگی جالی پہ پوری طرح نہ منڈھ پائی تھی اور خالی حصوں سے گزرنے والی دھوپ راستے پہ پڑ رہی تھی۔ آج گرمی کا ایک اور دن تھا اور دھوپ اپنے اندر تپش رکھتی تھی۔ دھوپ کی تمازت سے بچنے کے لیے بیدار احمد نے سڑک پار کر لی اور اب سڑک کے دائیں طرف چلنے لگے۔ یوں تو اس طرف کی بیل بھی پوری طرح چھت کی جالی میں گندھی ہوئی نہیں تھی مگر دھوپ کا رخ یوں تھا کہ اس طرف لگے بڑے بڑے درخت راستے کو سایہ دار کیے ہوئے تھے۔ بیدار احمد کو اس چھاؤں میں چھلنے میں بہت لطف آ رہا تھا۔ ان میں سے بیشتر درخت بہت پہلے انہوں نے خود اپنے ہاتھوں سے لگائے تھے۔ اپنے ہاتھ سے لگے درخت بڑے ہو جائیں اور سایہ دینے لگیں تو بہت اچھا احساس ہوتا ہے۔ یوں جیسے کہ وہ بچے جنہیں آپ نے بہت محنت سے پالا پوسا ہو، ایک دن بڑے ہو کر آپ کے کام آنے لگیں۔ یا وہ طمانیت جو اپنے ہاتھ سے گھر بنا کر اس گھر میں رہنے میں ہے۔ بیدار احمد فخر کے احساس سے سرشار چلے جا رہے تھے۔ دو رویہ سڑک پہ گاڑیوں کے چلنے کی جگہ بہت زیادہ چوڑی نہ تھی۔ سڑک اور پیدلی راہ گزر کے درمیان سائیکلوں کے چلنے کا راستہ تھا۔ سڑک پہ گاڑیاں تو بہت بہت دیر بعد اکا دکا ہی نظر آتی تھیں مگر سائیکلیں مستقل گزر رہی تھیں۔ کئی سائیکل چلانے والوں نے بیدار احمد کو پہچان کر ہاتھ کے اشارے سے انہیں سلام کیا۔
بیدار احمد نے گھڑی کی طرف دیکھا۔ ابھی چار بجے تھے۔ انہیں پانچ بجے تک بستی کے مرکزی ہال تک پہنچنا تھا۔ یہ فاصلہ قریباً دو کلومیٹر کا تھا مگر یہ سفر پا پیادہ طے کرنے کے لیے ان کے پاس ایک گھنٹہ تھا۔ بیاسی سال کی عمر میں وہ اتنا پیدل چلنے کی سکت تو رکھتے تھے، بیدار احمد نے دل میں سوچا۔
اور بیدار احمد کے لیے پانچ بجے تک مرکزی ہال میں پہنچنا اور وہاں تک پیدل جانا بہت ضروری تھا۔ وہ اس پیدل سفر میں اپنی پچیس سالہ شب و روز محنت کا پھل دیکھ کر اس تقریب میں پہنچنا چاہتا تھا جہاں ان کے تخیل کے حساب سے بنی بستی کا جشن منایا جا رہا تھا۔
بیدار احمد آہستہ آہستہ چلتے رہے۔ کچھ آگے جا کر دائیں ہاتھ پہ ایک میدان آگیا۔ کھیل کے اس میدان میں لگی مخملیں ہری گھاس بہت بھلی لگ رہی تھی۔ یہ منظر بھی ان کا کارنامہ تھا۔ انہوں نے دس سال پہلے بہت تحقیق سے کئی طرح کے اقسام کے اختلاط سے گھاس کی یہ قسم بنائی تھی جو شدید گرمی کو سخت جانی سے برداشت کرنے کی اہلیت رکھتی تھی۔ بیدار احمد نے پورے میدان پہ طائرانہ نظر ڈالی۔ گھاس کے اس وسیع قطعے میں انہیں کوئی بھورا خطہ نظر نہیں آیا۔ میدان کے ایک کونے میں جھولے پڑے تھے۔ وہاں کئی چھوٹے بچے اپنی ماؤں کے ساتھ موجود تھے۔ میدان کے دوسرے کونے میں کچھ لڑکے فٹ بال کھیل رہے تھے۔
میدان ختم ہونے پہ گھروں کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا۔ ان گھروں کی تعمیر اول درجے کی تھی۔ وہ ڈھلواں چھتوں والے گھر گڑیوں کے گھروندے معلوم دیتے تھے۔ اور گھروں کے سامنے نہایت سلیقے سے لگی کیاریوں میں رنگ برنگے پھول کھلے ہوئے تھے۔ وہ گھر زیادہ بڑے نہ تھے مگر ہر دو گھروں کے درمیان کچھ فاصلہ تھا۔ گھر کی اراضی کی حدود کسی چہاردیواری کے بجائے درختوں کی قطار سے مختص کی گئیں تھیں۔ یہ سارے درخت تقریباً ایک اونچائی کے تھے۔ درخت کے سامنے لگی بیلیں درختوں کے تنوں پہ چلنے کے بعد شاخوں کے راستے ایک درخت سے دوسرے درخت پہ کود گئیں تھیں اور اس عمل سے درختوں کی اس باڑھ نے ہر دو گھروں کے درمیان ایک پردہ سا تان دیا تھا۔
کچھ آگے چلنے کے بعد سڑک کے دونوں طرف گھروں کی قطار ختم ہو گئیں اور ایک ایسا پارک شروع ہو گیا جس میں اونچے اونچے درخت لگے تھے۔ سڑک سے کئی پگڈنڈیاں پارک کے اندر جاتی تھیں اور لہراتی بل کھاتی تین سو گز آگے موجود گھنے درختوں کے درمیان گم ہو جاتی تھیں۔ اس مصنوعی جنگل میں کچھ آگے جا کر ایک آبشار بھی تھی۔ وہ آبشار بھی بیدار احمد کی ڈیزائن کی ہوئی تھی۔ جمشید نے ایک لمحہ ٹھہر کر آبشار کی آواز کو سننے کی کوشش کی۔ عمر گزرنے کے ساتھ ان کی سماعت پہ بھی اثر پڑا تھا۔ بیدار کو ایک مدھم سی آواز سنائی دی۔ وہ یہ فیصلہ نہ کر پائے کہ آیا مدھم آواز آبشار ہی کی تھی یا پھر آبشار کی آواز سننے کی توقع ہی ان کے دماغ میں کسی جگہ ٹکرا کر ان کے کانوں تک پہنچی تھی۔ وہ پھر چلنا شروع ہو گئے۔ پارک ختم ہونے پہ بستی کا کاروباری مرکز شروع ہو گیا۔ اس تجارتی مرکز کی تعمیر بہت منفرد تھی۔ سڑک کے ایک طرف پستہ قد عمارتیں تھیں اور دوسری طرف طویل قامت دفتری پلازا اور رہائشی مراکز۔ اور تمام عمارتوں کے رنگ بالکل جدا جدا تھے۔ وہاں موجود اتنے مختلف رنگوں کے جاذب نظر امتزاج اور ان کی ترتیب طبیعت کو خوش کرتی تھی۔ اونچی عمارتوں میں ہر ساتویں منزل ایک پارک تھی۔ ان پارکوں میں لگے اونچے درخت عمارتوں کا ایک اچھوتا منظر پیش کرتے تھے۔ رہائشی مراکز میں بڑی تعداد میں لوگ آباد تھے مگر نیچے زمین پہ اکا دکا ہی لوگ ٹہل رہے تھے۔
کچھ آگے جا کر سڑک ایک گول دائرے پہ ختم ہو گئی۔ اس گول دائرے پہ پہنچ کر سڑک کا دایاں حصہ گولائی کھا کر بایاں حصہ بن جاتا تھا۔ گول دائرے کے سامنے ہی بستی کا مرکزی ہال تھا۔ بیدار احمد دائرے تک پہنچے اور پھر مرکزی ہال کی سیڑھیاں چڑھنے لگے۔ اس وقت پانچ بجنے میں چند منٹ تھے۔ اسی وقت اور لوگ بھی سیڑھیاں چڑھ رہے تھے۔ ان میں سے ایک آدھ نے "بیدار صاحب" کہہ کر بیدار کو تپاک سے سلام کیا۔ بیدار احمد نے ان میں سے کسی کو نہ پہچاننے کے باوجود ہر ایک سے ہاتھ ملایا۔ ایک شخص نے بیدار کو بازو سے پکڑ لیا اور سیڑھیاں چڑھنے میں ان کی مدد کرنے لگا۔ اب سے چند سال پہلے جب ایسا پہلی بار ہوا تھا تو بیدار نے اپنا بازو چھڑانے کی کوشش کی تھی۔ وہ اس بات کو ذہنی طور پہ قبول کرنے کے لیے تیار نہ تھے کہ اپنی اس سن رسیدگی میں انہیں اب سہارے کی ضرورت تھی۔ مگر پھر رفتہ رفتہ انہیں احساس ہوا تھا کہ واقعی ان کے جسم میں طاقت کی کمی تھی اور سیڑھیاں چڑھنے جیسے مشکل عمل میں انہیں مدد کی ضرورت تھی۔
بیدار احمد مرکزی ہال میں داخل ہوئے تو پانچ بجا ہی چاہتے تھے۔ ہال بستی کے معززین سے بھرا ہوا تھا۔ بیدار احمد کو اسٹیج تک پہنچا دیا گیا۔ ٹھیک پانچ بجے تقریب شروع ہو گئی۔ سب سے پہلے بستی کے ناظم کی تقریر تھی۔ ناظم نے سلائڈ کی مدد سے حاضرین کو بستی کی چیدہ چیدہ خصوصیات کے بارے میں بتایا اور پھر مجوزہ عمارتوں اور پارک کے نقشے دکھائے۔ ناظم کے بعد مہمان خصوصی کی تقریر ہوئی۔ وہ قریبی شہر سے آئے تھے۔ مہمان خصوصی نے بستی کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملا دیے۔ وہ بستی کی صفائی ستھرائی اور خوش انتظامی سے بہت متاثر تھے۔ اپنی تقریر میں انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ کاش پورا ملک ہی اس بستی کی طرح ہو جائے۔ مہمان خصوصی کی تقریر کے بعد بیدار احمد کو اظہار خیال کی دعوت دی گئی۔ بیدار اپنی کرسی سے اٹھے اور آہستہ آہستہ چلتے ہوئے پوڈیم تک پہنچے۔ پھر بیدار احمد نے دھیمے لہجے میں بولنا شروع کیا۔
"خواتین و حضرات، آپ میں سے اکثر لوگ میری کہانی سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اور بستی کے جن مکینوں نے یہ کہانی براہ راست مجھ سے نہیں سنی، ان تک یہ خبر اور طریقوں سے پہنچی ہو گی۔ مگر آج بستی کے پچیس سال مکمل ہونے پہ میں یہ کہانی ایک دفعہ پھر آپ کو سنانا چاہوں گا۔ کہ عمر کے ہر حصے میں جب پلٹ کر دیکھو تو گزرے واقعات کے متعلق ایک مخصوص جدا تاثر قائم ہوتا ہے۔
آپ لوگ جانتے ہیں کہ میں پیشے کے لحاظ سے آرکیٹیکٹ ہوں۔ مجھے خوب صورت عمارتیں، دلکش گھر، اور جدید بستیاں تعمیر کرنے میں بہت لطف آتا ہے۔ میں بیس سال کی عمر میں ولایت چلا گیا تھا۔ اتنی کم عمری میں ملک چھوڑنے کی وجہ سے میرے دل میں وطن کے لیے ہمیشہ نرم گرم جذبات رہے تھے۔ ولایت میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد میں کئی سالوں تک وہاں کام کرتا رہا۔ اس درمیان میں جب کبھی وطن واپس آیا مختصر مدت ہی کے لیے آیا۔ اور ہر دفعہ چھٹیوں میں یہاں آنے پہ مجھے لگا کہ جیسے میں یخ بستہ موسم میں محبت کے کنکنے پانی میں گردن تک گھس گیا ہوں۔ مجھے وطن کی ہر چیز بہت حسین لگی۔ ولایت میں بہت سال کام کرنے کے بعد جب میرے پاس کچھ رقم پس انداز ہو گئی تو میں نے وطن واپس جا کر اپنا مستقل ٹھکانہ یہاں بنانے کے بارے میں سوچا۔ اور یوں میں واپس چلا آیا۔ اس بات کو آج پچیس سال سے اوپر ہو گئے ہیں۔ وطن واپس پہنچ کر پہلے دو ماہ تو بہت اچھے گزرے مگر پھر رفتہ رفتہ کر کے اس جگہ کی بدصورتی مجھ پہ عیاں ہو گئی۔ اس معاشرے کے ہزار ہا عیب جن پہ اب تک میری اندھی محبت نے پردہ ڈالا ہوا تھا اب میری نظر میں واضح ہونا شروع ہو گئے۔ میں کوفت اور مایوسی کا شکار ہو گیا۔ جگہ جگہ لگے کوڑے کے ڈھیر جو نہ جانے کس طرح اب تک مجھ سے پوشیدہ رہے تھے اب اچانک میرے سامنے آ گئے۔ سڑکوں پہ رعونت سے دوڑتی طاقت ور اور امیر لوگوں کی بڑی بڑی گاڑیاں؛ جا بہ جا ابلتے ہوئے گٹر؛ عورتوں، بچوں، معذوروں، اور معاشرے کے دوسرے کمزور لوگوں پہ ظلم ڈھانے والے نفرت انگیز کڑیل مرد، اس معاشرے کی کون سی ایسی بات تھی جو مجھے پریشان نہ کرتی تھی۔ میں ظلم و زیادتی کے اس پورے ماحول سے اس قدر عاجز آیا کہ واپس ولایت جانے کے بارے میں سوچنے لگا۔ اور مجھے اپنے آپ پہ غصہ آیا کہ آخر یہاں واپس آ کر میں نے اپنی سوچ میں بسنے والی وطن کی معصوم محبت کا گلا کڑوی حقیقت کے ہاتھوں کیوں گھونٹ دیا۔
مگر ابھی میں ولایت واپس جانے کے اپنے ارادے پہ غور کر ہی رہا تھا کہ مجھے انسان کے روپ میں ایک فرشتہ ملا۔ وہ شخص میری طرح بہت عرصہ ولایت میں رہ کر آیا تھا۔ مگر وہ میری طرح کم ہمت نہ تھا۔ وہ مرکز شہر میں ذہنی طور پہ معذور لوگوں کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کی تعلیم دینے والا ایک ادارہ چلایا کرتا تھا۔ میں اس فرشتہ صفت شخص سے مل کر بہت متاثر ہوا۔ اس شخص نے مجھ پہ زور دیا کہ میں ولایت واپس نہ جاؤں بلکہ یہیں رہوں اور بھلائی کا کوئی کام کروں۔ اس نے مجھے احساس دلایا کہ ولایت کو میری ضرورت نہ تھی جب کہ اس جگہ کو مجھ جیسے لوگوں کی اشد ضرورت تھی۔
میں نے اس شخص سے گفتگو کے دوران اس شکست خوردہ معاشرے کا بغور مشاہدہ کیا۔ اور اپنے تجزیے سے مجھے یہ بات سمجھ میں آئی کہ زمانے میں فیض اور قہر لہروں کی صورت چلتے ہیں۔ ایک دفعہ فیض کی ایک لہر ایک جگہ سے اٹھے تو وہ ایک آدمی سے ہوتی دوسرے تک پہنچتی ہے اور یوں رفتہ رفتہ پورے معاشرے میں پھیل جاتی ہے۔ بالکل اسی طرح قہر کی لہر بھی ایک مقام سے چل کر پورے معاشرے میں پھیل جانے کی سکت رکھتی ہے۔ میں نے غور کیا کہ ہمارے وطن میں پے درپے ناکامیوں کے بعد اب فیض کی لہریں بہت کم ہیں، جب کہ قہر کی موجیں بے شمار اور بہت قدآور ہیں۔ میں نے ہر طرف پریشان لوگوں کو دیکھا اور اپنی پریشانی کی وجہ سے ان کو غصے میں پایا۔ اس حالت میں ہر شخص اپنا غصہ دوسرے پہ اتار رہا تھا۔
تب میں نے اپنے آپ سے سوال کیا کہ میں اپنے طور پہ معاشرے میں فیض کی ایک چھوٹی سی لہر کیسے بپا کر سکتا ہوں۔ میری ساری عمر کیونکہ عمارتوں کی منصوبہ بندی اور عمارت سازی میں گزری ہے اس لیے مجھے یہ بات سمجھ میں آئی کہ میں اپنے اس تجربے کو استعمال میں لاتا ہوا کوئی اچھا کام کر سکتا ہوں۔
بہت غور و خوض کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں پورے معاشرے کو تو بدل نہیں سکتا مگر اس بڑی جگہ کے ایک کونے میں ایک ایسا چھوٹا خوب صورت ٹکڑا ضرور بنا سکتا ہوں جس کی دل کشی پائیدار ہو۔ اس فیصلے پہ پہنچنے کے بعد ایک بستی کے خدوخال میرے ذہن میں واضح ہونا شروع ہو گئے۔ بستیاں گھروں اور عمارتوں سے نہیں بلکہ لوگوں سے بنتی ہیں۔ اسی لیے میں اس نتیجے پہ پہنچا کہ اپنے تخیل میں موجود بستی کی خوب صورتی کو ثبات بخشنے کا طریقہ یہ ہو گا کہ اس بستی میں صرف تعلیم یافتہ اور معاشرتی سمجھ بوجھ رکھنے والے لوگوں کو آنے دیا جائے۔ کہ جن لوگوں کو اس بستی کا انتظام دیا جائے وہ دل و جان سے اس جگہ کی قدر کرتے ہوں اور سمجھتے ہوں کہ جدید دنیا کس طرح کام کرتی ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ اس بستی کا حصہ بننے کے لیے آپ میں سے ہر شخص کو کئی امتحانوں اور انٹرویو سے گزرنا پڑا۔ اور اسی محنت کا صلہ آج یہ ہے کہ آپ کی، ہماری یہ بستی اس پورے جغرافیائی خطے میں سب سے منفرد، سب سے حسین ہے۔ بستی کے ناظم صاحب کی طرح مجھ سمیت بستی کے دوسرے بانیوں کو اس جگہ پہ بے انتہا فخر ہے۔ یہ ہمارے حسین ترین خوابوں کی بہترین تعبیر ہے۔
میں آج بستی کے درمیان سے چلتا ہوا یہاں اس مرکزی ہال تک پہنچا ہوں۔ مجھے یہاں خوب صورتی کے علاوہ کچھ نظر نہیں آیا۔ خوب صورت درخت، خوب صورت عمارتیں، خوب صورت پودے۔ اور سب سے بڑھ کر آپ تمام خوب صورت لوگ۔ اس بستی میں ہر جگہ زندگی نظر آتی ہے، توانائی نظر آتی ہے، جوانی نظر آتی ہے۔ آپ مجھ سے اتفاق کریں گے کہ اس جغرافیائی خطے میں رہنے کے لیے یہ بستی بہترین جگہ ہے۔"
اپنی تقریر میں یہاں تک پہنچتے پہنچتے بیدار احمد تھک گئے تھے۔ ایک لمحے کو انہیں محسوس ہوا کہ وہ چکر کھا کر گر پڑیں گے۔ وہ کچھ دیر کے لیے رک گئے۔ انہوں نے پوڈیم کو دونوں ہاتھوں سے مضبوطی سے تھام لیا۔ انہوں نے سوچا کہ وہ سر گھما کر ناظم سے پانی کی فرمائش کریں۔ مگر پھر انہوں نے اپنی تقریر کو ختم کرنا زیادہ مناسب خیال کیا۔ انہوں نے ایک گہری سانس لے کر اپنے حواس درست کیے، اور پھر ایک جملے میں تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
بیدار احمد کی تقریر ختم ہونے پہ ہال تالیوں سے گونج گیا۔
بیدار آہستہ آہستہ چلتے ہوئے واپس اپنی کرسی تک پہنچ گئے۔
ناظم صاحب دوبارہ پوڈیم پہ پہنچے۔ بیدار احمد کی ہدایت پہ وہ ایک اہم چیلنج لوگوں تک پہنچانا چاہتے تھے۔ وہ بولنا شروع ہوئے۔
"خواتین و حضرات، ایک دفعہ پھر زور دار تالیاں بجا کر بیدار احمد صاحب کی خدمات کا اعتراف کریں کیونکہ آج ہم سب ان کی محنت کی وجہ ہی سے یہاں ہیں۔"
ہال میں موجود تمام لوگوں نے ایک دفعہ پھر جان دار تالیاں پیٹیں۔
تالیوں کی آواز تھمنے پہ ناظم نے پھر بولنا شروع کیا۔
"خواتین و حضرات، آج سے پچیس سال پہلے اس جگہ گندے پانی کا ایک جوہڑ تھا۔ یہ بیدار صاحب کی دوربینی ہے کہ انہوں نے اس جگہ کو ایک خوب صورت بستی بنانے کے لیے چنا۔ بیدار صاحب نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر بہت محنت کی ہے۔ گو کہ میں بیدار صاحب کا ایک ادنی شاگرد ہوں مگر مجھے فخر ہے کہ میں بھی ان کی ٹیم کا فعال حصہ رہا ہوں۔ اس ٹیم نے ایک ایک کر کے اس جگہ سے ساری گندی، ساری بدصورتی ہٹا دی۔ پھر اس جگہ کو خوب صورتی بخشی۔ اور اب ہم اس جگہ کو مستقل بہتر سے بہتر بنا رہے ہیں، توانا بنا رہے ہیں، جواں تر بنا رہے ہیں۔ بیدار صاحب کا اور ہماری پوری ٹیم کا آپ کا کو چیلنج ہے کہ اس پورے ماحول میں اگر آپ کو کوئی چیز بد نما اور ناتواں نظر آئے تو آپ فورا اس کی نشاندہی کریں۔"
اس آخری بات پہ تمام لوگوں کی نگاہیں بیدار احمد کے بوڑھے، جھریوں سے بھرے چہرے کی طرف یوں اٹھ گئیں کہ جیسے وہ پوچھے جانے والے سوال کا جواب اس چہرے پہ پا چکے ہوں۔
بجنگ آمد
گاڑی اونچی اونچی عمارتوں کے حلقے سے نکلی اور شہر کے مضافاتی علاقے کی طرف تیزی سے دوڑنے لگی۔ یہ تیسرا موقع تھا کہ جو میلک شہر سے پرے موجود محنت کشوں کی بستی کی طرف جا رہا تھا۔ جو میلک کا اصل نام یوسف ملک تھا۔ وہ یوسف سے جوزف سے جو بنا اور ملک کی انگریزی شکل میلک ہو گئی۔ اور یوں وہی شخص جو انگلستان میں پاکستانی نژاد یوسف ملک تھا اب دبئی میں انگلستانی پاسپورٹ کا حامل جو میلک بن کر ایک مراعات یافتہ زندگی گزار رہا تھا۔ جو میلک انگلستان سے دبئی اس لیے پہنچا تھا کیونکہ کالج سے اس کے ساتھ فارغ التحصیل ہونے والے کئی دوست دبئی گئے تھے اور اب انگلستان میں اپنی آمدنی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ تنخواہیں بنا رہے تھے۔ مزید یہ کہ دبئی میں انہیں کسی قسم کا کوئی ٹیکس بھی نہیں دینا پڑ رہا تھا۔ اور پھر اس پہ مزید مزے یہ کہ انگلستان کے شہری ہونے کے ناتے دبئی میں ان کا ایک خاص اعلی مقام تھا۔ ایک ایسا اعلی مقام جو بظاہر صرف کتابوں میں امریکہ کی تاریخ کے اس دور کے حوالے سے ملتا ہے کہ جب سفید فام لوگ معاشرے میں سب سے اونچے درجے پہ تھے اور سیاہ فام لوگ ان مالکان کی مستقل خدمت کرنے کے لیے خون پسینہ بہاتے تھے۔ یہاں دبئی میں اماراتی لوگوں کے ساتھ مغربی دنیا سے تعلق رکھنے والوں کا بھی ایک جدا مقام تھا۔ اس سے نیچے درجے پہ مشرق وسطی کے دوسرے علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ تھے۔ ان کے مزید نیچے فلیپینو اور مشرق بعید سے تعلق رکھنے والے لوگ۔ اور سب سے نیچے درجے پہ ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، اور سری لنکا کے باشندے تھے۔ اس سب سے نیچے والے درجے پہ موجود لوگوں کی زندگی کا واحد مقصد سب سے اوپر درجے کے لوگوں کے لیے مستقل سہولت پیدا کرنا تھا۔ اس بالا طبقے کے ساتھ نوکروں کی ایک فوج صاحب لوگوں کو خوش رکھنے کے لیے جتی رہتی تھی۔
جب جو میلک پہلی بار دبئی پہنچا تھا تو اسے بغور دیکھا گیا تھا۔ ظاہر ہے کہ جو شکل سے انگریز نظر نہ آتا تھا۔ مگر اس ظاہری کمی کے باوجود اس نے انگلستان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان اپنی جگہ بنا لی تھی۔ وہ انگلستان میں پلا بڑھا تھا اس لیے خاص کرارے انگریزی لہجے میں بات کرتا تھا، انگریزوں کا مذاق رکھتا تھا، وہی ٹی وی شو دیکھ کر بڑا ہوا تھا جو دوسروں نے دیکھے تھے، انہیں کی طرح کے کھانے کھاتا تھا، اور جو کی پسند و ناپسند بھی ایک عام انگریز کی تھی۔ ہاں البتہ ایک راز تھا جواس نے کبھی اپنے انگریز ساتھیوں کو نہ بتایا تھا۔ اور وہ یہ کہ گو کہ وہ انگلستان میں پلا بڑھا تھا مگر اپنے ماں باپ کے پنجابی ہونے کی وجہ سے وہ اٹک اٹک کر پنجابی بول سکتا تھا۔ اور اس نے اس بات کو اپنے ساتھیوں سے یوں پوشیدہ رکھا کیونکہ اسے ڈر تھا کہ اگر اسے کبھی پنجابی بولتے دیکھ لیا گیا تو اس پہ فورا "مختلف" ہونے کا ٹھپہ زور سے لگ جائے گا۔ پھر یہ طے ہو جائے گا کہ وہ اپنے ساتھ کے دوسرے انگریزوں کی طرح نہ تھا ۔ جو کا خیال تھا کہ صرف رنگ انیس بیس ہو تو بات چل جاتی ہے، مگر پھر آپ زبان بھی کچھ اور بولنے لگیں تو معاملہ کچھ بگڑ جاتا ہے۔
جو میلک کو دبئی کی مکمل عیش و آرام کی زندگی بہت پسند آئی۔ یہاں معاملہ لندن کی طرح نہیں تھا کہ ہفتہ بھر کام کرنے کے بعد دو دن اپنی ٹوٹ پھوٹ کو پورا کرنے میں گزار دو۔ کپڑے دھوؤ، انہیں استری کرو، جوتے پالش کرو، گاڑی کو صاف کرو، اس میں کوئی مرمت کا کام ہو تو وہ کرواؤ، اور ساتھ ایک ایک پاؤنڈ کو مٹھی میں بھینچ کر خرچ کرو۔ یہاں دبئی میں تو اس پہ درہم کی بارش ہو رہی تھی۔ اور جتنی رقم وہ چند گھنٹے میں بناتا تھا اتنی رقم میں پورے ماہ کے لیے نوکر دستیاب تھے۔ محنت سے کام کرنے والی فلیپینو خواتین جو بغیر چوں چراں کیے گھنٹوں صفائی میں لگی رہیں گی، سری لنکا سے تعلق رکھنے والا وہ ڈرائیور جو ہر وقت جو میلک کی خدمت کے لیے موجود تھا۔ اور جب آپ ان سارے نوکروں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہیں، انہیں چھوڑ کر، ٹیکسی پکڑ کر کہیں نکل جائیے اور وہاں سے آپ کی نجی زندگی شروع ہو جائے گی۔ پیسہ آپ کی جیب میں اور ہر قسم کی عیاشی آپ کی دسترس میں۔ دبئی میں داخلے کے کچھ ہی عرصے میں جو نے اپنے سارے شوق پورے کر لیے۔ مہنگے سے مہنگے سوٹ خریدے، ایسی نرم ٹائیاں خریدیں کہ جنہیں انگلی پہ لپیٹا جا سکتا تھا، ایسے جوتے لیے کہ لگے کہ آپ کا پاؤں ایک نرم دستانے میں گھس گیا ہے۔
اور اگر عیاشی تن کا شوق ہو تو دبئی میں سیاہ فام سے لے کر سفید فام تک بھانت بھانت کی طوائفیں موجود تھیں۔ اس سلسلے میں جو میلک کا شوق کچھ ہی دنوں میں پورا ہو گیا۔ رومانیہ سے تعلق رکھنے والی کوسمینا وہ واحد طوائف تھی جس کے ساتھ سلسلہ ہفتہ بھر چلا۔ پھر اتنے قریبی تعلقات میں یوں رقم کا لین دین اور تجارت کی سرد مہری جو میلک کی نظروں سے اتر گئی۔
یہ ساری عیاشیاں کرنے کے بعد ایک روز جو میلک کو خیال ہوا کہ دبئی میں کوئی ایسی بات تھی جو اس کے دل میں ایک کسک بن کر موجود تھی۔ جو نے ایک دفعہ دوپہر کا کھانا اپنے دفتری ساتھی ٹام کے ساتھ کھانے کے بعد اس سے پوچھا تھا۔
"کیا تمھیں لگتا ہے کہ ہم لوگ کچھ زیادہ مزے میں ہیں؟ یہ سارے لوگ"، جو میلک نے دیوار کے ساتھ کھڑے بیروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا،"یہ سارے لوگ، تیسرے درجے کے انسان ہیں، اور ہم اول درجے کے۔ ایسا کیوں ہے؟"
ٹام نے پانی کا ایک گھونٹ پینے کے بعد کہا،"جو، یہ ایک اچھا سوال ہے۔ ہمیں کیا پتہ کہ دوسرے لوگ بھی اس سلسلے میں پریشان ہیں، جس بارے میں تم پریشان ہو۔ ہم اماراتیوں سے زیادہ بات چیت نہیں کرتے، وہ بس اپنے آپ میں رہتے ہیں، اور نہ ہی ہم فلیپین، سری لنکا، ہندوستان، پاکستان، سے تعلق رکھنے والے نوکروں سے کوئی بات کرتے ہیں۔ یہ لوگ بس مشین کی طرح ہیں۔ یہ بظاہر ہماری طرح کے انسان ہیں مگر ہمیں بالکل نہیں پتہ کہ ان کے ذہنوں میں کیا کلبل ہوتی ہے۔ کیا ان کے بھی جذبات ہیں، کیا یہ لوگ بھی ہماری طرح سوچتے ہیں؟ شاید، اس ساری فکر میں گھلنا ہمارا کام نہیں ہے۔ ہم تو یہاں ہیں، خوب پیسے بنا رہے ہیں، کام کر رہے ہیں، اور کام ختم ہونے کے بعد خوب عیاشی کرتے ہیں۔ ہر قسم کا کھانا یہاں دستیاب ہے۔ طرح طرح کی شرابیں پانی کی طرح بہتی ہیں۔ یوں کہو کہ ہم بس خوش قسمت ہیں۔ کیا ہم اپنی خوش بختی پہ شرمندہ ہوں؟ نہیں اس کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم بس قدرت کے احسان مند ہیں کہ اس نے ہمیں یہاں پہنچا دیا جہاں یہ سسٹم بنا ہوا ہے کہ ہم خود بخود ایک مراعات یافتہ طبقے میں شامل ہیں۔"
وہ دونوں کھا کر ریستوراں سے اٹھ گئے اور بات آئی گئی ہو گئی۔ مگر کچھ ہی دنوں میں ایک ایسا واقعہ ہوا جس نے جو میلک کے سوچ کا دھارا ایک بالکل نئے رخ پہ موڑ دیا۔
جو میلک کی ماتحتی میں ایک مصری سپروائزر کام کرتا تھا۔ اس مصری کے نیچے کام کرنے والا تمام عملہ دیسی تھا۔ ان مزدوروں میں چار بہاری تھے، دو پنجابی، اور دو تامل۔
جو میلک ایک روز سائٹ پہ موجود تھا جہاں کام زور و شور سے جاری تھا۔ ایک موقع پہ مصری سپروائزر نے ایک پنجابی مزدور کو زور سے آواز دی۔ مزدور کسی کام میں مصروف تھا اور عمارت سازی کے شور شرابے میں اسے شاید اپنے سپروائزر کی بات سنائی نہ دی۔ ایک دو آوازیں دینے کے بعد سپروائزر نے قریب پڑی لوہے کی ایک سلاخ کھینچ کر مزدور کو ماری۔ مزدور کو وہ سلاخ ٹانگوں پہ لگی۔ اس نے پلٹ کر دیکھا تو سپروائزر نے اسے خوب کھری کھری سنائیں۔ جو میلک کو مصری سپروائزر کا مزدور کے ساتھ یہ ظالمانہ سلوک بالکل پسند نہ آیا۔
کچھ دیر بعد جو میلک اس مزدور کے پاس گیا جسے اس کے سپروائزر نے کھینچ کر سلاخ ماری تھی۔
"کی نا ہے تاڈا؟" جو نے مزدور سے پوچھا۔
جو کے پنجابی بولنے پہ یوں لگا کہ جیسے اس مزدور پہ حیرت کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہو۔شاید اس مزدور کو یقین نہیں آ رہا تھا کہ اس کے سپروائزر کا باس جو انگریز تھا اس سے پنجابی میں بات کر رہا تھا۔
جو نے مزدور کو مختصراً بتایا کہ وہ تھوڑی بہت پنجابی بول لیتا تھا۔ مزدور کا نام محمد رمضان تھا۔ رمضان کا تعلق رحیم یار خان سے تھا۔ وہ یہاں مصفح نامی آبادی میں رہتا تھا۔
محمد رمضان سے بات کرنے کے بعد جو کا خیال تھا کہ وہ کسی اتوار کے روز مصفح جائے گا مگر ایسا موقع جلد نہ آ پایا۔ ہر ویک اینڈ پہ جو کے کچھ نہ کچھ پروگرام بن جاتے اور پھر ذرا سی دیر میں پیر کا دن آ جاتا۔
پھر ایک روز دوپہر کے کھانے پہ جو نے ٹام سے کہا تھا۔
" ہم جن لوگوں سے اپنی عمارتوں پہ کام کرواتے ہیں وہ مزدور ہیں یا غلام؟"
"کیا مطلب کہ وہ مزدور ہیں یا غلام؟ غلامی اس دنیا سے ختم ہو چکی ہے۔ " ٹام نے جواب دیا تھا۔
"میرا مطلب ہے کہ ہم اگر نوکری کرتے ہیں تو اپنی عزت نفس کے ساتھ کرتے ہیں۔ اس اکڑ کے ساتھ کرتے ہیں کہ اگر ہمیں کام پسند نہ آیا تو نوکری چھوڑ دیں گے۔" جو نے کہا۔
"تو ایسا ان مزدوروں کے ساتھ بھی ہے۔ ہماری طرح یہ لوگ بھی اپنے اپنے ملکوں سے اپنی مرضی سے یہاں آئے ہیں۔" ٹام نے جو کی طرف غور سے دیکھتے ہوئے کہا۔
"نہیں، یہ لوگ غلام ہیں۔ یہ اپنی مرضی سے یہاں آئے ہیں مگر اب ان کے پاسپورٹ ضبط ہیں، اب یہ یہاں سے نہیں جا سکتے۔" جو نے اپنے سامنے سے پلیٹ ہٹاتے ہوئے کہا۔
"مگر یہ مزدور یہاں سے جانا بھی نہیں چاہتے۔ یہاں ان کے حالات شاید اس قدر اچھے نہیں ہیں مگر ان کے اپنے ملک میں ان کی حالت اس سے بھی زیادہ خراب تھی۔" ٹام اب تک جو کی طرف غور سے دیکھ رہا تھا۔
"شاید ان کے اپنے ملک میں ان کی مالی حالت خراب ہو مگر یہ لوگ وہاں پہ اپنے چاہنے والوں کے درمیان تو تھے۔" جو نے ریستوراں کی کھڑکی سے باہر دیکھتے ہوئے کہا تھا۔
پھر ایک پارٹی میں بھی جو میلک دوسرے لوگوں کے ساتھ یہ موضوع لے بیٹھا تھا۔ وہاں جو میلک کو ایک نئی بات سننے کو ملی۔
"ترقی کرنے کے لیے غلام تو چاہیے ہوتے ہیں۔ امریکہ نے بھی غلامی کے بل بوتے پہ ترقی کی ہے۔ تو اب شیخوں کو بھی ایسا کرنے دو۔" مارٹن نامی شخص نے جو سے کہا تھا۔
"نہیں، ایسا ہر گز نہیں ہے کہ ترقی کے لیے غلام چاہیے ہوتے ہیں۔ اور اگر کسی زمانے میں یہ کلیہ صحیح بھی تھا تو آج کے زمانے میں اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔" جو میلک نے زور دے کر کہا تھا۔
"کچھ عرصے پہلے یہ اماراتی جنگلی تھے۔ یہ بھوکے رہتے تھے۔ اب ان کے حالات پلٹ گئے ہیں۔ ایک زمانے میں ہندوستان ایک امیر ملک ہوتا تھا، اب وہاں کے لوگ ذلت و خواری کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اور یہ اماراتی ہندوستان کے لوگوں کو جانوروں کی طرح ہانکتے ہیں۔ تو بس یہی دنیا ہے۔ یہ اونچ نیچ تو ہوتی رہتی ہے۔ کچھ دن اور گزریں گے، یہ معاملہ بھی ختم ہو جائے گا۔ کوئی اور صورت بنے گی۔" اس میز پہ بیٹھے ایک ادھیڑ عمر شخص نے اولڈ مونک کے دو شاٹ یکے بعد دیگرے حلق سے اتارنے کے بعد جو سے کہا تھا۔
مگر میں کچھ دن گزرنے کا انتظار نہیں کرنا چاہتا۔ باپو نے کہا تھا کہ، تم وہ تبدیلی بن جاؤ کہ جس کی خواہش تم دل میں رکھتے ہو۔ میں وہ تبدیلی خود بن جانا چاہتا ہوں۔ جو میلک نے دل ہی دل میں سوچا تھا۔
"اگر تمھیں انقلاب لانے کا شوق ہے تو ان ملکوں میں جاؤ جہاں سے مزدور یہاں آتے ہیں۔ وہاں کے حالات صحیح کرو تا کہ ان علاقوں کے عوام مجبور ہو کر دوسرے ملکوں کی طرف نہ بھاگیں اور استحصال کے جال میں پھنس جائیں۔" ادھیڑ عمر شخص نے جو میلک کے ذہن میں ہونے والی کش مکش کو بھانپ کر اس سے کہا تھا۔
اس نوعیت کی کئی بحثیں جو نے دوسرے لوگوں کے ساتھ بھی کیں۔ اور ہر ایسی بحث میں جو کو اندازہ ہوا کہ جو لوگ عیاشی کی زندگی گزار رہے تھے انہیں معاشرے کے نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی کوئی خاص پرواہ نہ تھا۔
پھر ایک روز سائٹ پہ جو میلک کو محمد رمضان دوبارہ نظر آ گیا۔ اس بار رمضان سے جو کی بات تو نہ ہوئی مگر جو نے پورا تہیہ کر لیا کہ وہ اگلے اتوار کے روز مصفح جا کر مزدوروں کے رہن سہن کے انداز دیکھے گا۔ جو نے کام پہ ٹام سے اپنا یہ ارادہ ظاہر کیا تھا۔
"مو۔سا۔فا جاؤ گے؟ آخر کیوں؟ وہ مزدور بستی ہے نا؟ وہاں یا تو مزدور جاتے ہیں یا وہ پاگل مغربی صحافی جو دنیا کے حقائق کو نہیں سمجھتے اور اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ دبئی کے مزدوروں کی حالت زار لکھنے سے دنیا میں کوئی انقلاب آ جائے گا۔"
جو میلک نے معاشرے میں انصاف کی ضرورت پہ بات کرنے کی کوشش کی تو اسے جواب ملا کہ،
"یار یہ دنیا، بے منصف جگہ ہے۔ یہاں انصاف تلاش کرنا فضول ہے۔ شیر ہرن کو کھا جاتا ہے۔ اب تم ہرن کی ہمدردی میں شیر کو سبزی خور نہیں بنا سکتے۔"
جو نے ٹام کی باتیں تو سن لیں مگر ٹام کی منطق اسے کچھ سمجھ میں نہ آئی۔ دنیا میں تبدیلیاں تو آتی ہیں۔ یہ کیا بات ہوئی کہ انسان ہر ظلم کی طرف سے آنکھیں پھیر لے اور یہ کہہ کر قسمت پہ قانع ہو جائے کہ دنیا تو ہے ہی بے انصاف جگہ؟ اور اگر آج کے مجبور اور مظلوم افراد کی جگہ آپ ہوں تو آپ کیسا خیال کریں گے؟ کیا آپ اپنے حالات میں جلد از جلد تبدیلی نہ دیکھنا چاہیں گے؟
اس گفتگو کے بعد آنے والے اتوار کو جومیلک مصفح پہنچ گیا۔ وہ حد نظر پھیلی ایک ایسی خستہ حال بستی تھی جس کا تعلق چمکتے دمکتے دبئی سے زیادہ کسی مفلس ملک سے نظر آتا تھا۔ جو میلک کو وہاں محمد رمضان تو نہ ملا مگر پاکستان سے تعلق رکھنے والے دوسرے لوگ مل گئے۔ وہ ان کے ساتھ دیر تک بیٹھا ادھر ادھر کی باتیں کرتا رہا۔ ان محنت کشوں میں سے اکثر دبئی کی زندگی سے تنگ ہونے کے باوجود حالات کے ہاتھوں بندھے ہوئے تھے۔ اپنے ملک سے دبئی کے لیے روانہ ہونے سے پہلے انہوں نے ایجنٹوں کو ادھار لے کر کمیشن کے طور پہ رقم دی تھی۔ اب ان لوگوں کو اپنے قرضے چکانے تھے اور ساتھ ہی خاندان والوں کی اعلی توقعات پہ پورا اترنا تھا۔ وہ جبر واستحصال کے ظالم چنگل میں پھنس چکے تھے۔
تو آج جب جو میلک تیسری دفعہ مصفح جا رہا تھا تو اس کے ذہن میں ایک بغاوت کے خدوخال واضح ہونا شروع ہو گئے تھے۔ دبئی میں لوگوں کی کل آبادی کیا ہے؟ ان میں سے کتنے فی صد لوگ مقامی یعنی اماراتی ہیں؟ ان اماراتیوں میں کتنے حکومت کے وفادار ہیں؟ اگر منصوبہ بنا کر شیخ کا تختہ الٹا جائے تو کون لوگ اس بغاوت میں تختہ الٹنے والوں کا ساتھ دیں گے؟ اماراتی فوج میں کتنے لوگ ہیں؟ فوج میں باہر کے لوگوں کا تناسب کیا ہے؟ جو میلک مصفح جاتے ہوئے ان ساری باتوں کے متعلق سوچتا رہا۔
پھر خدا کا کرنا یہ ہوا کہ جو میلک کو ایسے اماراتی ملنا شروع ہو گئے جو شیخ کے مخالف کیمپ سے تعلق رکھتے تھے۔ اب جو میلک کی ایک سیاسی زندگی کا آغاز ہو رہا تھا۔ تین چار لوگوں کی ایسی محفلوں میں شیخ کا تختہ اکھاڑ پھینکنے کی بات کبھی کھل کر تو نہ ہوئی مگر اس بارے میں ضرور بات ہوئی کہ دبئی میں ایک غیر استحصالی معاشرہ قائم کرنے کی ضرورت ہے جہاں مراعات لوگوں کے ملکی تعلق کی بنیاد پہ نہ ہوں۔ پھر وہ وقت بھی آیا جب جو میلک نے متحدہ عرب امارات کی فوج میں شامل پاکستانی جوانوں سے رابطہ کرنے کے سلسلے میں اپنی کوششیں تیز کر دیں۔
یہ کہنا مشکل ہے کہ حکومت الٹنے کی براہ راست اور برسر عام بات نہ کرنے کے باوجود جو میلک کی سیاسی سرگرمیوں کی خبر حکام بالا تک کیسے پہنچی مگر ایک روز جب جو میلک کام سے واپس پلٹا تو اس کے اپارٹمینٹ کے باہر چار لوگ موجود تھے۔ ان میں سے ایک نے جو میلک کو اپنا پولیس کا بیج دکھایا اور جو کو ساتھ چلنے کے لیے کہا۔ جو میلک نے مزاحمت کی کوشش کی تو ایک اور شخص نے پستول جیب سے نکال کر جو میلک پہ تان لی۔ جو میلک موقع کی نزاکت سمجھ کر ان لوگوں کے ساتھ چلنے پہ راضی ہو گیا۔
جو میلک نے اگلے تین روز ایک چھوٹی سی جیل میں گزارے۔ وہاں اسے سونے یا کسی قسم کا آرام کرنے کا موقع مشکل ہی سے ملتا۔ اس پہ تشدد تو نہیں کیا گیا مگر کچھ کچھ دیر بعد اسے پوچھ گچھ کے لیے بلایا جاتا۔ جو میلک سے معلوم کیا گیا کہ وہ انگلستان میں کتنے عرصے سے تھا، اس کے والدین کون تھے، ان کا تعلق کہاں سے تھا، جو میلک جن مقامی اماراتیوں کو جانتا تھا انہیں کیسے جانتا تھا، کیا جو میلک کے پاس کسی قسم کے ہتھیار تھے، وغیرہ، وغیرہ۔ جو میلک کو یہ جان کر تعجب ہوا کہ مقامی اماراتیوں سے ہونے والی اس کی کئی ملاقاتوں کی گفتگو پولیس والوں کے پاس ٹیپ کی صورت میں موجود تھی۔
گرفتاری کے چوتھے روز جو میلک کو لندن جانے والی ایک پرواز میں بٹھا کر ملک بدر کر دیا گیا۔
خلفشار
ہارون شاہ کا تعلق پنڈ دادن خان سے تھا مگر وہ لوگوں سے کہتا تھا کہ وہ جہلم کا رہنے والا ہے۔ ہارون شاہ نے مشکل سے چار جماعتیں پڑھی تھیں اور ایک عرصہ پنڈ دادن خان میں اپنے ہم عمر لڑکوں کے ساتھ آوارہ گردی کرنے کے بعد فوج میں بھرتی ہو گیا تھا۔اب وہ کیپٹن طارق کی ماتحتی میں ایک سپاہی تھا۔ ہارون شاہ اخبار پڑھ سکتا تھا اور مختلف اردو اخبارات کی ورق گردانی کی وجہ سے اس کو دنیا کے سیاسی حالات میں کچھ دلچسپی پیدا ہو گئی تھی۔ آج صبح جب اس کو کیپٹن طارق کی طرف سے یہ حکم ملا کہ اسے دوسرے سپاہیوں کے ساتھ جا کر دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پہ حملہ کرنا ہے اور دہشت گردوں کو اس علاقے سے نکال باہر کرنا ہے تو رات سونے کے لیے لیٹنے سے پہلے ہارون شاہ نے اپنے ساتھی جوان عبدالحمید سے پوچھا تھا کہ وہ دہشت گرد کون تھے جن پہ ان سپاہیوں کو حملہ کرنے کو کہا جا رہا تھا۔
"سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا وہ لوگ واقعی دہشت گرد ہیں؟ وہ تو اسلامی نظام چاہتے ہیں، وہ تو ہمارے مسلمان بھائی ہیں۔ کیا ہم ان پہ اس لیے حملہ کریں کیونکہ امریکہ ہمیں ان پہ حملہ کرنے کے لیے مجبور کر رہا ہے؟" ہارون شاہ نے اپنی مونچھوں پہ تاؤ دیتے ہوئے نہایت سنجیدگی سے عبدالحمید سے یہ سوال کیا تھا۔
ٹھیک اسی وقت کراچی میں ہونے والے ایک مذاکرے میں پچاس لوگ شریک تھے۔ سامعین کے سامنے تین مقرر ایک میز کے پیچھے موجود تھے۔ ایک مقرر بول رہا تھا۔
"پاکستان آج جس اندرونی خلفشار کا شکار ہے اس سے نکلنے کے لیے سب سے پہلا کام ہمیں یہ کرنا ہو گا کہ جنگ بخلاف دہشت گردی یعنی وار آن ٹیرر سے فوری طور پہ جان چھڑانی ہو گی۔ امریکہ کو صاف منع کرنا ہو گا کہ وہ ہمارے معاملے میں ٹانگ نہ اڑائے۔ یہ دھمکی دینی ہو گی کہ آئندہ اگر کوئی ڈرون پاکستانی سرحد میں داخل ہوا تو اسے مار گرایا جائے گا۔ اور ہمیں امریکہ کو اس طرح کا صاف جواب اس لیے دینا ہو گا تا کہ سب پہ یہ بات واضح ہو جائے کہ طالبان سے جنگ ہماری اپنی جنگ ہے، اس عمل میں امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہمارا مقصد ہرگز نہیں ہے۔ امریکہ کو اس جھگڑے سے باہر کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ آج جب ہم طالبان کے خلاف بات کرتے ہیں تو ہم پہ الزام یہ لگایا جاتا ہے کہ ہم بیرونی طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔
پھر جب ہم امریکہ کو اپنے اندرونی معاملے سے باہر نکال دیں تو قومی سطح پہ کھل کر یہ بحث کریں کہ ہم کن قوانین کے تحت زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور طالبان کے اسلام کو ہم جھوٹا اسلام کیوں سمجھتے ہیں۔"
اور ٹھیک اسی وقت لاہور میں ایک انگریزی اخبار میں باقاعدگی سے کالم لکھنے والا ایک صحافی لکھ رہا تھا۔
"آیا ہمارے پیغمبر کی دعوت کی صورت میں آنے والی وسیع النظری کا یہ مقصد تھا کہ لوگ زمانہ جہالت سے نکل کر ساتویں صدی میں پہنچ جائیں مگر پھر وہیں ٹھٹھک کر کھڑے ہو جائیں، یا اسلامی وسیع النظری کا یہ مطلب ہے کہ ہم وقت کے ساتھ مستقل آگے بڑھتے رہیں؟ ہمارے درمیان موجود دانا لوگ قوم کو اس جھوٹ سے کیوں نہیں نکالتے جس میں ایک خاص ذہن کے مذہبی راہ نماؤں نے ہمیں پھنسا دیا ہے؟ یہ بات کھل کر کیوں نہیں کہتے کہ کوئی مذہب بشمول 'اسلام' مکمل ضابطہ حیات نہیں ہے؟ کہ قانون سازی ایک مستقل عمل ہے اور ہر عہد کے لوگوں کو اپنے عہد کے تقاضے دیکھتے ہوئے قانون سازی کا مشکل کام خود کرنا ہو گا؟ یہ بات واضح کیوں نہیں کرتے کہ کسی جدید ریاست میں عقائد اور مذاہب شہریوں کا نجی معاملہ ہونا چاہئیں، ریاست اس جھنجھٹ میں نہیں پڑ سکتی کہ فیصلہ کرے کہ کون سچا ہندو ہے اور کون صحیح مسلمان؟ یہ بات کھل کر کیوں نہیں کہتے کہ کوئی کتاب بشمول کوئی آسمانی کتب، اپنے اندر تمام مسائل کے حل نہیں رکھتی اور نہ رکھ سکتی ہے؟
طالبان جس خرافات کو اسلام کا خوشنما نام دے کر ہم تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ محض ماضی پرستی اور جہالت ہے۔ ہمیں وقت میں آگے بڑھنا ہے نہ کہ پیچھے جانا ہے۔ طالبان سے جنگ ہماری اپنی جنگ ہے کیونکہ یہ لڑائی جدید دنیا کے ساتھ چلنے والوں اور ماضی پرستوں کے درمیان ہے۔ اس جنگ میں یہ فیصلہ ہونا ہے کہ آیا ہمیں ان لوگوں کی قیادت قبول ہے جو موجودہ زمانے کی کوئی سمجھ نہیں رکھتے اور جن سے آپ کوئی عقل کی بات نہیں کر سکتے، یا ہمیں وسیع النظر لوگوں کے پیچھے چلنا ہے جو آج کی اس دنیا میں ہمارا اپنا منفرد مقام بنانا چاہتے ہیں۔ کیا ہم موجودہ عہد کے حقوق نسواں کے علم بردار ہیں یا اپنے ملک کی آدھی آبادی کو باندھ کر رکھنا چاہتے ہیں؟
یہ لوگ ہم سے جھوٹ بولتے ہیں کہ عورت کا برقعے میں رہنا عورت کے لیے اچھا ہے اور پردے میں ڈھکی چھپی عورت دراصل اتنی آزاد ہے کہ جتنا کہ ایک مغربی عورت تصور بھی نہیں کر سکتی۔ پردے کے حق میں یہ دلیل جھوٹ اور فریب کے علاوہ کچھ نہیں ہے کہ اگر پردہ ہی عورت کی آزادی کی معراج ہے تو ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں پردہ دار خواتین آگے سے آگے نظر آنی چاہئیں۔ کہ اسلامی ممالک میں سر سے پاؤں تک ڈھکی عورتیں کامیابی کے نت نئے جھنڈے گاڑتی نظر آنی چائیں۔ مگر ایسا ہرگز نہیں ہے اور یہی مشاہدہ پردے کی عظمت کی دلیل کی نفی کرتا ہے۔ عورت کا پردہ عورت کی اپنی مرضی سے نہیں ہے بلکہ مرد کے زور سے ہے۔ ایک ایسا مرد جو عورت کو اپنی جاگیر سمجھتا ہے اور جس طرح وہ اپنے دوسرے قیمتی مال کو چوری سے بچانے کے لیے ڈھانپ کر رکھتا ہے اسی طرح وہ اپنی عورت کو بھی ڈھانپ کر رکھنا چاہتا ہے۔
ہمارے لیے اسلام ایک بہت پسندیدہ خیال کا نام ہے۔ مگر جب ہم ان جاہلوں کا 'اسلامی نظام' دیکھتے ہیں تو ہمیں جھرجھری آتی ہے۔ ان کے نام نہاد اسلامی نظام میں عورتوں پہ ہرطرح کی پابندیاں ہیں اور کوڑے، سنگ ساری، اور قطع ید جیسی قرون وسطی کی سزائیں بے مہار اور بلا تحقیق ہیں۔ یہ لوگ جہاں اپنا نام نہاد اسلامی نظام نافذ کرتے ہیں وہاں سے لوگ بھاگ جاتے ہیں اور ان علاقوں میں کوئی شخص پھٹک کر بھی نہیں جانا چاہتا۔ ان لوگوں نے اسلام کے نام پہ فراڈ کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ یہ یوں ہے جیسے ایک بوتل میں زہر بھر کر اوپر 'شہد' کا لیبل لگا دیا جائے۔"
اور ٹھیک اسی وقت اسلام آباد میں ایک شخص انگلستان میں موجود اپنے دوست سے فون پہ بات کر رہا تھا۔
"ہم اپنے حکمرانوں سے خوش نہیں ہیں۔ یہ وہ لوگ نہیں ہیں جنہیں اپنے منصب کی ذمہ داری سے خوف آئے کہ سترہ کروڑ لوگوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانا کس قدر مشکل کام ہے۔ یہ لوگ تو اپنے عہدوں پہ صرف اس لیے بیٹھے ہیں کہ یہ گلچھرے اڑا سکیں۔ ہم ایک منصف حکومت چاہتے ہیں۔ برصغیر کے تمام لوگ، مختلف لسانی گروہ، مختلف قومیتیں، مختلف مذہبی عقائد رکھنے والے لوگ، اچھی حکومت چاہتے ہیں۔ ایک ایسی حکومت جو ان پہ ظلم نہ کرے، جس حکومت پہ ان لوگوں کا بس چلے۔ ایسی حکومت کہ جس پہ بھروسہ کیا جا سکے۔ کہ جب ہم اپنی سخت محنت سے اس حکومت کو صبح سو روپے دیں تو شام کو پورے سو روپے کا حساب مل جائے۔ ہم ایسے لوگوں کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں جو ہمیں محنت سے رزق کمانے کی سہولت دیں۔ ایسی حکومت کہ جس کے زیر اثر لوگ آزادی سے بلا خوف اپنی بات کر سکیں۔ ان کو کسی قسم کے تشدد کا ڈر نہ ہو۔ ہم بس ایسی حکومت چاہتے ہیں۔ جو گروہ ہمیں ایسی حکومت دینے کی اہلیت رکھتا ہو، ہم اس کے ساتھ ہیں۔ مگر ہم نے جھوٹے وعدے بہت سنے ہیں۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ وعدہ کرنے والا گروہ اپنے عمل سے پہلے یہ ثابت کرے کہ وہ ایسی منصف حکومت قائم کرنے کی سکت رکھتا ہے۔ آج جو مختلف گروہ ہم سے ایسے وعدے کر رہے ہیں، ان میں سے ہر ایک کسی نہ کسی جگہ اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ ہر سیاست داں، ہر مذہبی گروہ کا ایک مخصوص علاقہ ہے۔ ان سب لوگوں کو یہ چیلنج ہے کہ وہ اپنے اثر والے علاقے میں وہ مثالی معاشرہ قائم کر کے دکھائیں جسے وہ پورے ملک میں قائم کرنے کی تمنا رکھتے ہیں ۔ جب وہ اپنے اختیار کے علاقے میں ایسا دل پسند معاشرہ قائم کر دیں گے کہ جہاں جانے کے لیے لوگ بےتاب ہوں گے، کہ جہاں کے عدل کے قصے ہر زبان پہ ہوں گے، کہ اخبارات اس نظام کی تعریف میں رطب السان ہوں گے، ٹی وی اس معاشرے کی ویڈیو دکھاتے نہ تھکتے ہوں گے، تو پھر ہم اس گروہ کو اپنے اوپر حکمرانی کا اہل جانیں گے اور آنکھیں بند کر کے اس کے پیچھے چل پڑیں گے۔"
ہارون شاہ عبدالحمید کی طرف غور سے دیکھتا رہا مگر اسے عبدالحمید کی طرف سے کسی جواب کی توقع نہیں تھی۔جب کہ عبدالحمید کا خیال تھا کہ ہارون اخبار پڑھ پڑھ کر کچھ زیادہ سوچنے سمجھنے لگا تھا۔
"چل سوجا۔ صبح محاذ پہ جانا ہے،" عبدالحمید نے ہارون شاہ کو مشورہ دیا اور کروٹ بدل کر سو گیا۔
طالبان
یوں تو دفتر میں یہ خبر کئی ہفتوں سے گردش میں تھی کہ کامران سمیت سینکڑوں لوگوں کی نوکریاں خطرے میں ہیں مگر جس روز کامران کو برخاستگی کا پروانہ ملا اس دن کامران کو بہت زمانے بعد ایک گہرا صدمہ ہوا۔ اسے یوں لگا کہ جیسے وہ اس دنیا کی سب سے ناکارہ شے ہو۔ برطرفی کا نوٹس ہاتھ میں پکڑانے کے ساتھ اسے محافظوں کی نگرانی میں عمارت کے باہر پہنچا دیا گیا۔ کامران کو اچھی طرح پتہ تھا کہ یہ احتیاط اس لیے کی جاتی ہے کیونکہ ایسے کئی واقعات ہو چکے ہیں جس میں برخاست کیے جانے والے ملازم نے اپنے کمپیوٹر کے ذریعے پوری کمپنی میں وائرس دوڑا دیا یا کسی اور طور سے اپنے اوپر کی جانے والی زیادتی کا انتقام لیا۔ یہ علم رکھنے کے باوجود کامران نے یوں عمارت سے بے دخل کیے جانے پہ اپنی ہزیمت محسوس کی۔
کامران کے اگلے دو دن اس تذبذب میں گزرے کہ وہ کیا کرے۔ کامران نے سوچا کہ نوکری لگی رہے تو کس قدر آسان ہوتا ہے زندگی کی دوڑ میں جتے رہنا۔ روز کا ایک معمول بنا ہوتا ہے اور انسان ان خرافات سے کہ زندگی کا کیا مقصد ہے، ہم کہاں سے آئے ہیں، کہاں جا رہے ہیں، وغیرہ وغیرہ سے محفوظ رہتا ہے۔
کامران سوچتا رہا کہ ساٹھ سال کی اس عمر میں نوکری چھٹنے پہ کیا کیا جائے۔ گھر ادا شدہ تھا۔ بچے کالج میں تھے۔ اور اس خانگی فراغت کے ساتھ کامران کی نوکری یوں اچھے طور پہ چھٹی تھی کہ برخاسگتی کے پروانے کے ساتھ اسے ایک موٹا تازہ چیک پکڑایا گیا تھا۔ اب واحد مسئلہ یہ تھا کہ وقت کیسے کاٹا جائے۔ اور وقت کاٹنے کے لیے گھر سے باہر کی مصروفیت ضروری تھی کیونکہ نوکری چھٹنے کے تیسرے روز شازیہ بیگم نے کامران کو صاف صاف بتا دیا تھا کہ انہیں شازیہ کے کاموں میں کامران کی دخل اندازی بالکل زہر لگتی تھی اور اگر کامران نے کوئی کام تلاش نہ کیا تو شازیہ گھر سنبھالنے کی ذمہ داری کامران کو دے کر خود کوئی نوکری کر لیں گی۔
کامران کے دوستوں نے مشورہ دیا کہ کامران کوئی کاروبار کر لے۔ کسی دوسرے کے کاروبار میں ملازم لگنے سے زیادہ اچھا ہے کہ انسان خود کاروبار کرے اور دوسروں کو ملازم رکھے۔ بات کامران کے دل کو لگی مگر پھر سوال یہ پیدا ہوا کہ کس قسم کا کاروبار کیا جائے۔
بہت سوچنے پہ کامران کو یہ بات سمجھ میں آئی کہ وہ ایسا کاروبار کرنا چاہتا تھا جس میں لوگوں سے خوب ملنا جلنا ہو۔ ساتھ کھانا پینا بھی ہو تو اور بھی اچھا ہے۔ اب سوال یہ تھا کہ پرچون کی دکان کھولی جائے یا ریستوراں۔ پھر رفتہ رفتہ کامران کا ذہن بنتا گیا کہ وہ ایک ریستوراں کھولے گا۔
جب کامران نے ریستوراں کھولنے کی خواہش دوستوں کے سامنے ظاہر کی تو ہر شخص نے اپنی رائے بڑھ چڑھ کر بیان کی۔ ۔ کسی نے کہا، ریستوراں نہ کھولنا، بہت نقصان کا سودا ہے، پچھتاؤ گے، جمع جوڑی ساری رقم ہاتھ سے نکل جائے گی۔ کسی اور نے سمجھایا، ہاں ریستوراں ضرور کھولو۔ مگر کوئی نئی چیز سامنے لاؤ گے تو ریستوراں بہت چلے گا۔
غرض کہ جتنے مہہ اتنی باتیں۔
پھر خدا کا کرنا یہ ہوا کہ کامران کی ملاقات شفیق سے ہو گئی۔ شفیق کی ساری عمر ریستوراں کے کاروبار میں گزری تھی۔ وہ ابھی بھی ایک ریستوراں کا مینیجر تھا اور ایک عرصے سے خود اپنا ریستوراں کھولنے کی خواہش دل میں رکھتا تھا۔ مگر شفیق کے پاس اپنی اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جیب میں رقم نہ تھی۔ کامران کی ملاقات شفیق سے یوں ہوئی کہ جیسے پھکڑ تجربہ، غیر تجربہ کار سرمائے سے مل جائے۔ اب کامران اور شفیق باقاعدگی سے ملنے لگے۔ وہ دیر تک ریستوراں کھولنے کی جزئیات پہ غور کرتے۔ اور پھر رفتہ رفتہ ان کی گفتگو میں ریستوراں کے خد و خال واضح ہونا شروع ہو گئے۔ ریستوراں میں کس قسم کے کھانے ہوں گے؟ ریستوراں میں دیسی صحت بخش کھانے ہوں گے۔ کیا دیسی صحت بخش کھانے کی ترکیب اندرونی تضاد رکھتی ہے؟ نہیں، دیسی کھانا صحت بخش ہوسکتا ہے اگر کم چکنائی سے تیار کیا جائے۔ کیا ریستوراں تینوں وقت کھانے کے لیے کھلے گا؟ نہیں ریستوراں صرف ظہرانے اور عشائیے کے لیے کھلے گا اور اوقات کار محدود ہوں گے۔ باورچی کا انتظام کیسے کیا جائے گا؟ شفیق کئی باورچیوں کو جانتا ہے وہ انتظام کر لے گا۔ ریستوراں میں کتنے ملازم ہوں گے؟ ابتدا میں باورچی کے علاوہ دو اور ملازم ہوں گے۔ ساتھ کامران اور شفیق بھی لگے رہیں گے۔ شروع شروع میں کامران شفیق کے ساتھ ساتھ ہو گا لیکن ساری باتیں سمجھ جانے پہ ایک وقت کے کھانے پہ کامران مینیجری کرے گا اور دوسرے وقت شفیق۔
یہاں تک تو ساری باتیں افہام و تفہیم سے طے پا گئیں۔ مگر ریستوراں کے نام کا سوال اٹھا تو کسی نام پہ اتفاق نہ ہو پایا۔
گھسے پٹے ناموں یعنی تاج محل، پیکاک، مینار، دریا سے لے کر چونکا دینے والے نام مثلاً لالو کھیت، املی، ملاقات وغیرہ پہ خوب بحث ہوئی مگر کسی ایک پہ کامران اور شفیق متفق نہ ہو پائے۔
پھر ایک ایسے روز جب گلابی جاڑوں کے دن بارش ہونے کے ساتھ سخت سردی میں تبدیل ہو رہے تھے اور باہر کی ٹھنڈک سے کھڑکیوں پہ بھاپ جم چکی تھی کامران کو یہ بات سمجھ میں آئی کہ اگر ریستوراں کا چونکا دینے والا نام ایسا ہو جو در نوک زباں ہو تو عوام الناس میں اس کی قبولیت آسان ہو گی۔ تو پھر ریستوراں کا نام طالبان کیسا رہے گا۔ صحت مند دیسی کھانوں کا شاندار مرکز، طالبان ریستوراں، ماؤنٹین ویو۔
پہلے تو کامران کو ریستوراں کے اس نام پہ بہت ہنسی آئی مگر پھر اس نام کے فائدے سوچ سوچ کر یہ ارادہ اس کے ذہن میں پختہ ہونا شروع ہو گیا کہ ریستوراں کا نام طالبان ہی ہونا چاہیے۔ اس نے جھٹ شفیق کو فون ملا دیا۔ شفیق نے اس تجویز کو ایک مذاق کے طور پہ لیا۔ مگر کامران بالکل سنجیدہ تھا۔ کامران نے شفیق کو ایک دن کا موقع دیا کہ وہ اس تجویز پہ سنجیدگی سے غور کرے۔ یا تو شفیق اس ٹکر کا دوسرا نام لائے ورنہ ہار مان جائے اور طالبان ریستوراں کو خدمت کا موقع دے۔
یہ نام شفیق کو تو بالکل نہ بھایا تھا مگر جب شفیق نے اس کا تذکرہ اپنی بیوی سے کیا تو بیگم صاحبہ نے نام کو بہت پسند کیا۔ اور یوں جولائی ۴ کے روز ماؤنٹین ویو کی ایک سڑک پہ طالبان ریستوراں کھل گیا۔ نام اچھوتا تھا اس لیے ذرا سی دیر میں ریستوراں کا چرچا ہو گیا۔ لوگ تجسس میں وہاں آتے اور پھر احمد شاہ نامی باورچی کے کمال کھانے کھا کر ریستوراں کے باقاعدہ گاہک بن جاتے۔ مگر ہر نیا آنے والا شخص کامران اور شفیق سے یہ سوال ضرور کرتا کہ انہوں نے اپنے ریستوراں کے لیے یہ نام کیوں چنا تھا۔
اور صرف ریستوراں کا نام ہی اچھوتا نہ تھا بلکہ یہاں کھانے بھی عجیب و غریب ناموں والے تھے۔ اسامہ قورمہ، ملا عمر نہاری، الزواہری پلاؤ، تورا بورا لیمونیڈ، وغیرہ وغیرہ۔ نان کی دو قسمیں تھیں، امر بالمعروف سادہ نان اور نہی عن المنکر روغنی۔ طالبان ریستورں میں اس قسم کی آوازیں سنائی دیتیں کہ ایک اسامہ، دو پلیٹیں زواہری، دو امر بالمعروف اور دو نہی عن المنکر، اور تورا بورا کے دو گلاس مگر برف کم۔
پھر جب شہر کے سب سے بڑے اخبار میں طالبان ریستوراں پہ تبصرہ چھپا تو ریستوراں کی شہرت دور دور تک پھیل گئی۔ اب دیسیوں کے علاوہ بڑی تعداد میں گورے، کالے، اور چینی بھی نظر آنے لگے۔ اب جو سوال پوچھے جاتے وہ اور بھی تیکھے ہوتے۔
کیا تم لوگ طالبان سے کسی قسم کی ہمدردی رکھتے ہو؟
ورلڈ ٹریڈ سینٹر پہ حملے کے متعلق تمھارا کیا خیال ہے؟
کیا تمھیں معلوم ہے کہ اسامہ بن لادن کہاں چھپا ہوا ہے؟
کامران اور شفیق وضاحتیں کرتے نہ تھکتے کہ انہوں نے ریستوراں کا نام یونہی روز کی خبروں سے متعلق ہو کر رکھ لیا تھا۔ نہ انہیں طالبان میں کوئی دلچسپی تھی اور نہ ہی سیاست میں۔
مگر کامران اور شفیق کی وضاحتیں دیر تک کارگر نہ رہیں اور ایک دن کامران کو اپنی گاڑی پہ وائپر کے نیچے ایک رقعہ ملا جس پہ انگریزی جلی حروف میں لکھا تھا کہ 'امریکہ میں طالبان ک ٹھکانہ بند کرو، ورنہ۔۔۔۔۔'
کامران رقعہ لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔ پولیس نے کاغذ کا بطور معائنہ کیا مگر کسی نتیجے پہ نہ پہنچ پائی۔ دو دن کے بعد پولیس کا ایک افسر ریستوراں پہنچ گیا۔
اس افسر نے پوری سنجیدگی سے شفیق سے پوچھا کہ آخر کس عقلمند نے ان حالات میں انہیں ریستوراں کا یہ نام رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔
بھوک
کوثر بارہ برس کی عمر میں امریکہ پہنچی تھی۔ کوثر کا باپ ڈاکٹر تھا اور امریکی امیگریشن کی ویزا لاٹری میں اس کا نام نکل آیا تھا۔ کوثر اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد تھی۔اپنے ماں باپ کے ساتھ امریکہ پہنچنے پہ کوثر کو اس نئے ملک کی ہر چیز مختلف لگی تھی۔ پڑھائی کا انداز بھی کچھ جدا تھا مگر کوثر ہمیشہ سے پڑھنے میں اچھی رہی تھی۔ وہ نئے نظام سے جلد مانوس ہو گئی اور اپنی جماعت کے سنجیدہ طلبا میں گنی جانے لگی۔
دن ہفتے، ہفتے ماہ، اور ماہ سال بن کر گزرتے رہے اور کوثر ایک ایک جماعت کر کے آگے بڑھتی رہی۔ ان کا خاندان سال دو سال میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے پاکستان جاتا مگر پھر وقت گزرنے کے ساتھ اس طویل السفر ملاقات کے درمیانی وقفوں میں اضافہ ہوتا رہا۔ اور اسی درمیان کوثر شناخت کے بحران کا بھی شکار ہوئی۔ جب ہر طرف سے اس پہ شناخت کے سوالات کی بوچھاڑ ہوئی تو اس نے بھی اپنے آپ سے سوال کیا کہ وہ کون تھی۔ کیا تھی؟ اس کا تعلق کس نسلی، لسانی گروہ سے تھا؟ وہ سفید فام نہ تھی، سیاہ فام نہ تھی، چینی نہ تھی۔ یہ سب نہ ہونے کے باوجود وہ کس بڑے گروہ سے زیادہ قریب تھی؟ وہ کس گروہ کے چمکدار ستاروں کی طرف راہ نمائی کے لیے دیکھے؟ اپنے رول ماڈل کن لوگوں میں تلاش کرے؟ اچھا ہوا کہ کچی عمر کے اس ذہنی بحران میں کوثر کو مدد میسر تھی۔اس کی بنیاد اچھی تھی، اس کے آس پاس لوگ سمجھ دار اور پڑھے لکھے تھے ، متمول تھے اور اس لحاظ سے مضبوط تھے۔ کہ جب آپ اپنے ساتھ کے دوسرے لوگوں سے معاشرے کے مروجہ معیار کے حساب سے آگے ہوں تو آپ کو کیا ضرورت ہے ایسے سہارے تلاش کرنے کی جن کی تلاش کمزوروں کو پڑتی ہے؟ کہ آپ کو کیا ضرورت ہے ان خانوں میں گھسنے کی جو دنیا والوں نے اپنے ذہنوں میں بٹ دیے ہیں؟ کوثر پراعتمادی سے آگے بڑھتی رہی اور اس نے بارہویں جماعت بھی پاس کر لیا۔
ہائی اسکول کرنے کے دوران ہی جب کوثر آگے کی تعلیم کے بارے میں غور کر رہی تھی، اور یہی سوال اس کے والدین کے ذہنوں میں بھی تھا تو ایک دن رات کے کھانے کے بعد کوثر نے اپنے باپ سے کہا تھا۔
"ابو، آپ کو یاد ہے نا کہ جب ہم ایک دفعہ چھٹیوں میں پاکستان گئے تھے؟ وہاں سخت گرمی پڑ رہی تھی۔ ہم ایک روز بازار میں چلتے چلتے تھک گئے تھے اور ہم نے ایک جگہ رک کر ایک ائیر کنڈیشنڈ دکان سے آئسکریم کھائی تھی۔ اس دکان کے لانبے لانبے شیشوں سے پرے ایک چھ آٹھ سال کی بچی کھڑی ہم دونوں کو آئسکریم کھاتا غور سے دیکھ رہی تھی۔ پھر جب ہم آئسکریم کھا کر نکلے تھے تو اس بچی نے بھیک کے لیے ہماری طرف ہاتھ اٹھایا تھا۔ اور میں دنیا کی اس ناانصافی پہ رو پڑی تھی۔ مجھے لگا تھا کہ وہ ہاتھ بھیک کے لیے نہیں بڑھایا گیا تھا بلکہ ایک ایسی بددعا کے لیے اٹھا تھا جو دنیا کے ہر اس شخص پہ پڑے گی جو صاحب استطاعت ہے، با زور ہے، مگر دنیا سے ظلم اور نا انصافی کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کرتا۔ کہ جو کچھ اسے محض ایک اتفاق سے مل گیا ہے اس پہ اکڑتا ہے اور اپنے سے کمزور لوگوں کو دھتکار کر ایک طرف کر دینا چاہتا ہے۔ ابو، میں اس چھ سال کی بچی کی بد دعا سے بچنا چاہتی ہوں۔ میں پناہ مانگتی ہوں اس عذاب سے جو دنیا کے تمام کم حیثیت لوگوں کی بد دعاؤں سے کسی وقت بھی ہم پہ پڑ سکتا ہے۔ میں ڈرتی ہوں اس جھٹکے سے کہ جس میں ہمارے ہاتھ سے سب کچھ نکل جائے گا اور ہم محتاج ہو جائیں گے۔
ابو، میں اس گتھی کو سلجھانا چاہتی ہوں۔ میں کالج اس لیے نہیں جانا چاہتی کہ کمینگی سے اپنے لیے ایک ایسی راہ منتخب کروں جس میں صرف میرا مالی فائدہ ہو۔ میں عمرانیات، معاشیات، اور سیاسی علوم پڑھنا چاہتی ہوں۔ نہ جانے میرے اندر اتنی طاقت ہے یا نہیں کہ میں دینا سے بھوک کا خاتمہ کر سکوں، مگر میں یقیناً اس خواب کو پانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہوں۔"
کوثر کے باپ نے اس انسان ہمدرد بالغ سوچ پہ کوثر کو شاباش دی اور کوثر کے تعلیمی شعبے کے انتخاب پہ اپنے تحفظات کے باوجود زیادہ حیل و حجت نہیں کی۔ وہ چاہتا تھا کہ کوثر بغیر کسی دباؤ کے اپنی مرضی کی تعلیم حاصل کرے۔ البتہ اس نے پدرانہ شفقت سے کوثر کو سمجھا دیا کہ عمرانیات پڑھنے کے بعد کوثر کے لیے نوکری تلاش کرنا آسان نہ ہو گا۔ اور یہ کہ ڈوبتے کو بچانے کی خواہش رکھنے والے کے لیے ضروری ہے کہ اسے خود تیرنا آتا ہو۔
کوثر نے اپنے باپ کو بتایا کہ وہ یہ ساری باتیں سمجھتی تھی۔ کہ وہ کالج کی تعلیم کے دوران ایسے ہنر ضرور سیکھے گی کہ جن سے وہ مالی منفعت حاصل کر سکے اور ہر ماحول میں اپنے لیے روزگار کا انتظام کر سکے۔
ہائی اسکول کے دوران ہی کوثر نے کئی معروف جامعات سے خط و کتابت کی تھی اور تھوڑی سی تگ و دو کے بعد اس کی خواہشات کے عین مطابق اس کا داخلہ جامعہ اسٹینفرڈ کے شعبہ عمرانیات میں ہو گیا تھا۔ یہ جشن کا موقع تھا۔ گھر پہ ایک بڑے کھانے کا اہتمام کیا گیا جس میں دوست و اقارب بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
وقت گزرتا رہا۔ کالج کی چار سالہ تعلیم کے دوران بھی کوثر پاکستان جاتی رہی۔اپنے قیام کے دوران وہ وہاں ایسے غیر حکومتی اداروں [ این جی اوز] سے رابطہ کرتی جو ملک میں غربت اور بھوک کے خاتمے کے لیے کام کر رہے تھے۔ مگر ان غیر حکومتی اداروں کے ساتھ تھوڑا بہت کام کرنے میں ہی کوثر کو اندازہ ہو گیا کہ ایسے ادارے چلانے والے بہت سے لوگ محض فیشن کے طور پہ یہ سماجی خدمت کر رہے تھے، ان میں سے اکثر کے ذہن میں یہ بات واضح نہ تھی کہ مسائل کو کیسے حل کیا جائے۔ پھر کوثر کو ایسے لوگ بھی ملے جو غریبوں کی مدد کرنے کے ڈھونگ میں خود اپنی جیبیں بھر رہے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر لوگ ایسے تھے جن کی ساری توانائیاں مغربی اداروں کے لیے پروپوزل لکھنے اور ان اداروں سے امداد اکھٹا کرنے میں صرف ہو رہی تھی۔
کالج کے چوتھے سال تک پہنچتے پہنچتے کوثر نے فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ پاکستان میں کسی قائم شدہ غیر حکومتی ادارے کا حصہ بنے بغیر خود اپنے طور پہ کام کرے گی۔ وہ مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنا چاہتی تھی۔ اس کا خیال تھا کہ مزدوروں کی سستی محنت کے سہارے سرمایہ دار امیر سے امیر تر ہوتے جا رہے تھے، کہ اگر مزدوروں کو صحیح معاوضہ ملے تو وہ غربت کے ظالم دائرے سے باہر نکل سکتے تھے، اپنی بھوک مٹا سکتے تھے، اور اپنے بچوں کے لیے تعلیم کا انتظام کر سکتے تھے۔
پھر عمل کا وقت آ گیا۔ کوثر نے کامیابی سے تعلیم مکمل کر لی تھی۔ کالج سے سند حاصل کرنے پہ کوثر اپنی طویل منصوبہ بندی کے تحت پاکستان پہنچ گئی۔ وہ وہاں ایک سال لگانا چاہتی تھی۔ اس کا خیال تھا کہ ایک سال میں وہ اپنی صلاحیتوں کو آزما سکے گی۔ مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کر سکے گی۔ ایک سال گزارنے کے بعد وہ اپنی کارکردگی کو دیکھ کر فیصلہ کرے گی کہ اس کا پاکستان میں رہنا کس قدر سود مند ثابت ہو رہا تھا۔
کوثر کے خانو ادے نے جب پاکستان چھوڑا تھا تو کوثر کا چچا کراچی میں گاڑیوں کے فاضل پرزوں کی ایک چھوٹی سی دکان چلاتا تھا۔ گزرے سالوں میں کوثر کے چچا نے مالی طور پہ بہت ترقی کر لی تھی۔ اب اس کی شہر میں چار دکانیں تھیں اور وہ ایک بڑی کوٹھی میں رہتا تھا۔ چچا کے دونوں لڑکے تعلیم حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک جا چکے تھے۔ کوٹھی میں چچا چچی نوکروں کی ایک فوج کے ساتھ رہتے تھے۔ کراچی پہنچ کر کوثر اپنے چچا کے پاس رہنے لگی۔
کوثر نے کراچی میں موجود اپنے دوستوں سے رابطے کیے اور مشورہ کرنے لگی کہ وہ کس طرح اپنا فلاحی کام شروع کرے۔ شہر بھر میں تعمیراتی کام زوروں پہ تھے اور اسی طرح کے ایک تعمیراتی کام میں ایک دن کوثر کو بھی اپنے کام کا سرا مل گیا۔
وہ اپنے چچا کے گھر کے قریب ایک زیر تعمیر گھر پہ ہونے والے کام کو دیکھ کر وہاں رک گئی تھی۔
ایک چھوٹا کانکریٹ مکسر بھک بھک کالا دھواں اڑا رہا تھا۔ مکان کی تیسری منزل کی چھت پڑ رہی تھی۔ تیسری منزل سے نیچے زمین تک مزدور مختلف سطحوں پہ لکڑی کے پٹھوں پہ کھڑے تھے۔ مکسر سے نکلنے والا کانکریٹ پراتوں میں ہاتھ ہاتھ ہوتا تیسری منزل کی چھت تک پہنچتا تھا۔
ہر دفعہ جب اونچائی پہ کھڑا مزدور ہاتھ بڑھا کر اپنے سے نیچے مزدور سے کانکریٹ کی پرات لیتا تو کوثر کو ڈر لگتا کہ کہیں وہ گر نہ پڑے، کہ مزدور کسی قسم کے روک سے نہ بندھے تھے۔ مزدوروں میں عورتیں بھی شامل تھیں۔ کوثر وہاں کھڑے ہو کر بہت غور سے اس پوری کاروائی کو دیکھنے لگی۔
کوثر کو اس طرح وہاں کھڑا دیکھ کرسفید شلوار قمیض میں ملبوس ایک آدمی اس کے پاس پہنچا۔ وہ ٹھیکیدار تھا اور تمام مزدور اس کی نگرانی میں کام کر رہے تھے۔ ٹھیکیدار نے کوثر سے پوچھا کہ آیا کوثر ان لوگوں کو جانتی تھی کہ جن کا وہ مکان تھا۔ کوثر نے اسے ٹالنے کے لیے کہہ دیا کہ اسے عمارت سازی میں دلچسپی تھی اور وہ یوں ہی اس عمل کو دیکھنے کے لیے کھڑی ہو گئی تھی۔
ٹھیکیدار بھی اس کے ساتھ کھڑا ہو گیا۔ اسی اثنا میں کوثر کو ایک مزدور عورت مکسر کے پاس کھڑی نظر آئی تو کوثر چلتی ہوئی اس تک پہنچ گئی۔ اس نے مزدور عورت کا نام پوچھا۔ عورت کا نام وزیراں تھا۔ کوثر نے معلوم کیا کہ وہ کہاں رہتی تھی۔ وزیراں نے یہ معلومات فراہم تو کر دی مگر وہ کوثر کی اس بازپرس پہ بہت حیران تھی۔ کوثر اسے اسی طرح حیران چھوڑ کر گھر روانہ ہو گئی۔
شام کے وقت کوثر وزیراں کے بتائے ہوئے پتے پہ اس کے گھر پہنچی۔ جنت کالونی نامی وہ محلہ ایک کچی بستی تھی ۔ چھوٹے چھوٹے مکانوں کے درمیان پتلی گلیاں تھیں جہاں ادھ ننگے بچے کھیل رہے تھے۔ وزیراں کا دروازہ کھٹکھٹانے پہ ایک آدمی باہر نکل کر آیا۔ کوثر نے وزیراں کا پوچھا۔ وہ آدمی اندر چلا گیا۔ کچھ دیر بعد وزیراں دروازے پہ آئی۔ ایک بچہ اس کی گود میں تھا۔ کوثر نے گھر کے اندر آنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس درمیان راہ چلتے کچھ اور لوگ وہاں کھڑے ہو گئے تھے۔ کوثر نے جینز کے اوپر کرتا پہنا ہوا تھا اور شاید اپنے اسی لباس کی وجہ سے وہ لوگوں کی دلچسپی کا مرکز تھی۔ اس محلے کے لوگ کوثر کے حلیے کی عورت کو وہاں دیکھنے کے عادی نہ تھے۔
کوثر کو اس گھر کے چھوٹے سے صحن میں بٹھایا گیا۔ ذرا سی دیر میں گھر کے تمام افراد کوثر کے گرد جمع ہو گئے۔ ان میں سے بیشتر کے پاس سے پسینے کے بھبکے اڑ رہے تھے۔ کوثر کے لیے یہ غربت کا سب سے گھناؤنا روپ تھا۔ کوثر نے اپنے آپ کو سمجھایا کہ ان مزدوروں کے پاس سے بدبو اس لیے آ رہی تھی کیونکہ ان کے پاس نہانے کے لیے پانی نہیں تھا۔ ان کو اپنی محنت کی صحیح اجرت ملے تو وہ اپنے لیے پانی جیسی آسائش حاصل سکیں۔
وہ مزدور جاننا چاہتے تھے کہ کوثر کون تھی اور ان سے کیا چاہتی تھی۔ کوثر نے انہیں بتایا کہ اسے مزدوروں کو ان کے جائز حقوق دلوانے میں دلچسپی تھی اور یہ کہ وہ دنیا سے بھوک کے خاتمے کے لیے کام کرنا چاہتی تھی۔ کوثر نے انہیں مطمئن کرنے کے لیے کچھ اپنے بارے میں بتایا اور ساتھ ہی ان کے بارے میں بھی پوچھا۔
ان لوگوں کا تعلق بھاولپور کے قریب ایک گاؤں سے تھے۔ اس چھوٹے سے گھر میں تین خاندان رہتے تھے۔ اکثر مرد اور عورتیں عمارت سازی کا کام کرتے تھے۔
کوثر نے ان کی دہاڑی پوچھی اور معلوم کیا کہ انہیں ہفتے میں کتنے دن کام ملتا تھا۔
انہیں دن کے سو روپے ملتے تھے اور عموماً ہفتے میں چار دن اس طرح کی دہاڑی والا کام مل جاتا تھا۔ اس حساب سے ان کی ماہانہ آمدنی سولہ سو روپے تھی۔ اس آمدنی میں وہ بہت مشکل سے اپنا گزارا کرتے تھے اور کئی دفعہ انہیں بھوکا سونا پڑتا تھا۔
کوثر نے وہیں بیٹھ کر ان کے سامنے ایک کاغذ پہ حساب کیا کہ اگر وہ ٹھیک طریقے سے اچھا کھانا کھائیں جن میں دودھ اور پھل شامل ہوں، اور آرام سے رہیں تو ان میں سے ہر کو ماہانہ چھ ہزار چھ سو روپے بنانے چاہئیں۔ اور اس حساب سے ان کی دہاڑی سو روپے کے بجائے چار سو بارہ روپے ہونی چاہیے۔ کوثر کی اس آخری بات پہ وہاں موجود سب لوگ ہنس پڑے۔
سو روپے تو طے شدہ دہاڑی تھی۔اگر باقی مزدور سو روپے میں کام کرنے کو تیار تھے تو کوئی انہیں چار سو روپے کیوں دے گا؟
کوثر نے انہیں یونین کا تصور سمجھانے کی کوشش کی۔ کہ اگرسارے مزدور متحد ہو جائیں اور تہیہ کر لیں کہ وہ ایک خاص تنخواہ سے کم پہ کام نہیں کریں گے تو وہ ٹھیکیداروں سے اپنی بات منوا سکتے تھے۔
اسی درمیان وزیراں کے شوہر نے محلے کے ایک گھر سے فرید کو بلوا لیا۔ فرید چھریرے بدن کا ایک نوجوان تھا۔ اس نے چھ جماعتیں پڑھی تھیں اور وزیراں کے شوہر کا خیال تھا کہ کوثر جو کچھ انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہی تھی وہ فرید کو زیادہ آسانی سے سمجھ میں آ جائے گا۔
فرید کوثر کے قریب ایک چارپائی پہ بیٹھ گیا۔ وہ بہت غور سے کوثر کی طرف دیکھ رہا تھا۔ کوثر نے اس کو پوری بات سمجھائی کہ کس طرح ٹھیکیدار مزدوروں کے ساتھ زیادتی کر رہے تھے۔ اور کس طرح بہتر تنخواہیں مزدوروں کا حق تھیں۔
اس روز کوثر بہت دیر تک ان لوگوں کے ساتھ بیٹھی رہی اور ان کے مسائل سمجھتی رہی۔ ساتھ ساتھ وہ اپنی حکمت عملی بھی بناتی رہی کہ ان مزدوروں کو ان کا جائز حق کیسے دلوایا جا سکتا تھا۔
اگلے کئی دن کوثر اس محلے میں جاتی رہی اور وہاں مزدوروں سے بات کرتی رہی۔ کوثر کی کئی ہفتوں کی کوششوں سے بستی میں رہنے والے راج اور مزدوروں کی ایک یونین بن گئی۔ فرید ان کا لیڈر تھا جب کہ کوثر مشیر کے فرائض انجام دے رہی تھی۔ یونین نے فیصلہ کیا کہ مزدور ایک خاص تنخواہ سے نیچے کام نہیں کریں گے۔ انہوں نے یہ حکمت عملی اختیار کی کہ مزدور اپنی تنخواہوں میں اضافہ رفتہ رفتہ کروائیں گے۔ پہلے مرحلے میں وہ سو روپے کے بجائے ایک سو پچیس روپے دہاڑی مانگیں گے اور اس سے کم میں کام کرنے سے انکار کر دیں گے۔
پھر محاذ آرائی کا پہلا مرحلہ آن پہنچا۔ بستی کے قریب بننے والے ایک مکان میں ٹھیکیدار کو مزدوروں کی ضرورت پڑی تو اس نے اپنے ایک آدمی کے ذریعے جنت کالونی پیغام بھیجا کہ اسے آٹھ لوگ چاہئیں۔ فرید کو ملا کر آٹھ مزدور زیر تعمیر مکان پہ پہنچ گئے۔ کوثر کی ہدایت کے مطابق فرید نے ٹھیکیدار سے نرم لہجے میں بات کی اور گرانی کا رونا رونے کے بعد ٹھیکیدار کو بتایا کہ مزدور سو کے بجائے ایک سو پچیس روپے دہاڑی پہ کام کریں گے۔ یہ بات سن کر ٹھیکیدار سخت غصے میں آگیا۔
"پورے شہر میں مزدوری کا ریٹ سو روپے ہے۔ اور یہ بات تم لوگ بھی اچھی طرح جانتے ہو۔ اگر تمھیں سو روپے پہ کام کرنا ہے تو کرو ورنہ میں دوسری جگہ سے مزدوروں کا انتظام کر لوں گا۔"
ٹھیکیدار کا خیال تھا کہ یہ بات سن کر وہ آٹھوں مزدور ہار مان جائیں گے اور سو روپے فی نفر فی دن پہ کام شروع کر دیں گے، مگر کوثر نے مزدوروں کو اچھی تعلیم دی تھی۔ فرید ٹھیکیدار سے معذرت کر کے مزدوروں کے ساتھ واپس پلٹ گیا۔
ٹھیکیدار نے اپنے آدمی کے ذریعے جنت کالونی کے اور مزدوروں کو بلا بھیجا مگر مزدوروں کی اس دوسری جماعت نے بھی وہی ایک سو پچیس روپے دہاڑی والی بات کی۔
"تم سب لوگوں کا دماغ خراب ہو گیا ہے۔ میں دوسری بستی سے مزدوروں کا انتظام کر لوں گا۔" ٹھیکیدار نے نہایت غصے میں ان سے کہا اور انہیں واپس روانہ کر دیا۔
قصہ مختصر یہ کہ پورا دن ضائع ہو گیا اور ٹھیکیدار کا کام نہ ہو پایا۔
اگلے دن ٹھیکیدار نے ایک دوسری بستی سے مزدوروں کو بھرتی کرنے کی کوشش کی مگر وہ بستی دور تھی۔ مزدور آنے جانے کے کرائے کے بغیر ٹھیکیدار کی جگہ پہ کام کرنے کے لیے تیار نہ ہوئے۔
بالا آخر ٹھیکیدار نے ہار مان لی اور جنت کالونی کے مزدوروں کو سو کے بجائے ایک سو پچیس روپے دہاڑی دینے پہ آمادہ ہو گیا۔
یہ جنت کالونی کے مزدوروں کے لیے بہت بڑی کامیابی تھی۔ کوثر اس کامیابی پہ پھولی نہ سماتی تھی۔
وقت گزرتا گیا۔ مزدوروں کے ساتھ کوثر کی مصروفیات بھی بڑھتی رہیں۔ فرید کوثر کو دوسری مزدور بستیوں میں لے جاتا رہا۔ راج اور مزدوروں کے نئے ریٹ کی خبر پورے شہر میں پھیل گئی۔
اسی درمیان کوثر نے غور کیا کہ فرید اس میں دلچسپی لے رہا تھا۔ وہ جب مزدوروں سے بات کرنے پہنچتی تو دیکھتی کہ فرید کوشش کر کے کوثر کے بالکل پاس بیٹھتا تھا۔ دوسرے مزدور چلے جاتے مگر فرید وہیں موجود رہتا اور کسی نہ کسی بہانے سے کوثر سے گفتگو جاری رکھنے کی کوشش کرتا۔ کوثر کو فرید میں ذاتی طور پہ کوئی دلچسپی نہیں تھی مگر فرید اس کے لیے اہم تھا۔ فرید اپنی تعلیم کی وجہ سے کوثر کی بات سمجھتا تھا اور مزدوروں کے درمیان رہنے کی وجہ سے ان کو اپنی بات سمجھا سکتا تھا۔ ایک آدھ دفعہ جب فرید نے کوثر سے زبردستی ہاتھ ملانے کی کوشش کی تو کوثر کو خیال ہوا کہ وہ اسے ڈانٹ کر پیچھے ہٹا دے مگر پھر اپنے اور مزدوروں کے درمیان اس رابطے کو کھو دینے کے خیال سے اس نے ایسا نہیں کیا۔
راج اور مزدوروں کی یونین مضبوط ہوتی رہی۔ دوسری بستیوں کے مزدور جنت کالونی یونین میں شامل ہوتے رہے۔
پھر ایک دن کوثر کی مزدوروں سے ملاقات کے بعد فرید نے کوثر کو بتایا کہ اس نے ایک دوسری بستی کے مزدوروں سے بات کی تھی مگر وہ مزدور اس کی بات نہیں سمجھ رہے تھے اور اس سلسلے میں اسے کوثر کی مدد کی ضرورت تھی۔ ان دنوں فرید ایک زیر تعمیر فیکٹری میں چوکیدار کے فرائض انجام دے رہا تھا۔ فرید نے کوثر سے درخواست کی کوثر اگلے روز فیکٹری آ جائے جہاں وہ دوسری بستی کے مزدوروں کو بھی بلا لے گا۔ پھر کوثر انہیں یہ بات سمجھا سکے گی کہ کس طرح دوسرے مزدوروں کے ساتھ چلنے میں ان کا فائدہ تھا۔ کوثر نے اس تجویز پہ آمادگی ظاہر کی۔ اگلے روز مقررہ وقت پہ کوثر زیر تعمیر فیکٹری پہنچ گئی۔ فیکٹری کا آہنی گیٹ کھٹکھٹانے پہ فرید اندر سے وہاں آ پہنچا۔ اس نے گیٹ کھول کر کوثر کو اندر آنے کا موقع دیا۔
فرید نے بتایا کہ مزدور اب تک نہیں آئے تھے اور ان دونوں کو کچھ انتظار کرنا ہو گا۔ آہنی گیٹ کے ساتھ ہی چوکیدار کا چھوٹا سا کمرہ تھا۔ فرید نے کوثر کو کمرے میں آنے کی دعوت دی۔ کوثر تھوڑا ہچکچائی مگر پھر اعتماد کے ساتھ کمرے میں داخل ہو گئی۔
کمرے میں ایک طرف چارپائی پڑی تھی۔ چارپائی کے ساتھ ہی ایک ٹوٹی کرسی موجود تھی۔ دیوار کے ساتھ دو اینٹوں پہ مٹی کا ایک گھڑا رکھا تھا جس کو تام چینی کی طشتری سے ڈھانکا گیا تھا۔ طشتری کے اوپر ٹین کا ایک مگ اوندھا پڑا تھا۔ کوثر نے ٹوٹی کرسی پہ بیٹھنے کی کوشش کرتے ہوئے پلٹ کر دیکھا تو فرید کمرے کے دروازے پر پہنچ کر اب دروازہ بند کر رہا تھا۔ کوثر گھبرا گئی مگر اس نے کوشش کر کے ایک پراعتماد بلند آواز میں کہا،
"فرید، دروازہ کیوں بند کر رہے ہو؟ ابھی تو تمھارے دوسرے مہمانوں کو آنا ہے۔"
یہ کہتے ہوئے کوثر نے کرسی پہ بیٹھنے کی کوشش ترک کر دی تھی اور اب مکمل چوکنا کھڑی تھی۔ اسے خطرے کا احساس ہو چلا تھا۔
فرید ایک جھٹکے سے دروازے پہ کنڈی جکڑنے کے بعد پلٹا اور بولا۔
"نہیں، اب یہاں کوئی نہیں آئے گا۔"
پھر وہ تیزی سے کوثر کی طرف جھپٹا اور اس نے کوثر کو مضبوطی سے دبوچ لیا۔ کوثر نے اپنے بازؤں کو فرید کی گرفت سے آزاد کرنے کی کوشش کی مگر فرید کی گرفت آہنی تھی، کوثر اپنی کوشش میں کامیاب نہ ہو پائی۔
"چھوڑو، مجھے چھوڑو۔" کوثر چیخی۔
فرید نے کوثر کے دونوں بازو اپنے باہنے ہاتھ سے کوثر کے پیچھے باندھے اور سیدھے ہاتھ سے ایک چانٹا کوثر کو مارا۔
" چپ کر جاؤ۔ تم نے کہا تھا نا کہ تم امریکہ سے ہماری بھوک ختم کرنے یہاں آئی ہو۔ تو یہ بھی تو ہماری بھوک ہے۔ آج تمھیں میری یہ بھوک ختم کرنا ہو گی۔" فرید نے کوثر کو اپنے سے لگاتے ہوئے کوثر کے کان میں کہا۔
کوثر کو اپنا سر چکراتا ہوا محسوس ہوا اور اگلے ہی لمحے وہ ہوش کھو بیٹھی۔
واپسی
جمشید نے گاڑی میں بیٹھے بیٹھے گیراج کے ریموٹ کنٹرول کا بٹن دبایا اور گیراج کا دروازہ کپکپاتا ہوا اوپر کی طرف اٹھنے لگا۔ دروازہ قد بھر سے اوپر ہوا تو جمشید کو گھر کے دروازے میں یاسمین کھڑی نظر آئی۔ اس نے یاسمین کو دیکھ کر یوں آنکھیں موند لیں جیسے لوگ "ارے ، نہیں" کہہ کر حقیقت کا سامنا نہ کرنے کی نیت سے آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ جمشید اور یاسمین کی شادی کو ستائیس برس ہو چکے تھے اور ازدواج میں اتنا لمبا عرصہ گزر جائے تو لوگوں کا خود بخود یہ خیال ہو جاتا ہے کہ مذکورہ شادی بہت کامیاب جا رہی ہے مگر جمشید اور یاسمین کے درمیان حقیقت یہ تھی کہ قریباً پچھلے سال بھر سے میاں بیوی کے تعلقات میں سخت کشیدگی تھی۔ یہ ازدواجی ناچاقی اس وقت شروع ہوئی تھا جب سال بھر پہلے ایک دن جمشید نے اچانک یاسمین سے پوچھ لیا تھا۔
"تمھارا پاکستان واپس جا کر رہنے کے بارے میں کیا خیال ہے؟"
اس وقت دونوں بیٹھک میں موجود تھے اور ایک ایسا ٹی وی پروگرام دیکھ رہے تھے جس میں دونوں کی کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ جمشید نے یہ سوال ٹی وی کی طرف دیکھتے ہوئے ہی یاسمین نے پوچھا تھا اور یاسمین نے بالکل اسی طرح اپنا منہ بدستور ٹی وی کی طرف رکھتے ہوئے جواب دیا تھا۔
"یہ ایسا مکروہ خیال ہے کہ جسے سوچ کر ہی جھرجھری آتی ہے۔ لوگ پاکستان سے نکل نکل کر ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں اور تم مجھ سے وہاں واپس جانے کے خیال کے بارے میں پوچھ رہے ہو؟ آئے دن کے بم دھماکے، خود کش حملے، چوری چکاری، ہڑتالیں، توڑ پھوڑ۔ کوئی چیز بتاؤ اس ملک کی جو اچھی ہو۔"
"ہمارے لوگ۔ ہمارے رشتہ دار۔ ہمارے چاہنے والے،" جمشید نے فورا وہ ایک نکتہ بیان کیا جو اس کے خیال میں پاکستان واپس جانے کے سلسلے میں سب سے با وزن دلیل تھی۔
" تمھارے لوگ، تمھارے چاہنے والے؟ یہ رشتہ داروں وغیرہ سے ساری محبت دور سے اچھی ہوتی ہے۔ ان کے ساتھ جا کر چند دن تو ہنسی خوشی گزریں گے، پھر سب ایک دوسرے سے لڑ پڑیں گے۔ اس لیے بہتر ہے کہ چند دن ہی کی ملاقات کر کے واپس اپنے ٹھکانے پہ پلٹ آؤ،" یاسمین نے اطمینان سے جواب دیا۔
بات آئی گئی ہو گئی، مگر جمشید کے ذہن میں پاکستان واپس جانے کا خیال مستقل پلتا رہا۔
اور یہ موضوع ہفتے بھر بعد پھر اس وقت سامنے آیا جب جمشید اور یاسمین ایک دعوت سے واپس گھر پلٹ رہے تھے۔ جمشید گاڑی چلا رہا تھا اور یاسمین اپنی اونچی ایڑی کی جوتیاں اتار کر سر نشست کی پشت سے ٹکائے آنکھیں بند کیے بیٹھی تھی۔
"یاسمین، میری عمر اس وقت باون سال ہے۔ میں صرف آٹھ سال میں ساٹھ سال کا ہو جاؤں گا۔ میں اپنی ساٹھویں سالگرہ اس ملک میں نہیں منانا چاہتا۔ یاسمین، میری بات مان جاؤ۔ چلو ہم لوگ واپس پاکستان چلتے ہیں۔"
جمشید کی بات ختم ہونے پہ یاسمین نے آنکھیں کھول کر جمشید کی طرف دیکھا اور پھر ایک ٹھنڈی سانس بھری۔
"کیوں جمشید، تم یہاں کیوں نہیں رہنا چاہتے؟ آخر تمھیں یہاں کیا تکلیف ہے؟" اس نے جمشید سے پوچھا۔
"مجھے یقیناً یہاں کوئی تکلیف نہیں ہے۔ بلکہ اس ملک نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔ مگر میں اپنی ماں کی عمر دیکھتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ ان کی عمر کے اس حصے میں واپس جا کر ان کے ساتھ رہوں۔"
جمشید کے والد کا انتقال پانچ سال پہلے ہوا تھا۔ وہ رمضان کا مہینہ تھا۔ ڈاکٹر کی اس تاکید کے باوجود کہ جمشید کے والد روزے نہ رکھیں وہ پورے روزے رکھ رہے تھے۔ تقریباً روز ہی جمشید کی بات اپنے والدین سے ہوتی تھی۔ دونوں طرف عید کا انتظار تھا۔ پھر اچانک ایک دن وہ روح فرسا خبر ملی جس کا خیال جمشید کو ہمیشہ رہتا تھا۔ ایک دن جمشید کے والد ٹہلنے کے لیے نکلے اور کہیں ٹھوکر لگ کر گر گئے؛ شاید ٹھیک اسی وقت انہیں دل کا دورہ بھی پڑا کہ جب تک وہ اسپتال پہنچائے جاتے وہ دنیا سے رخصت ہو چکے تھے۔ اپنے والد کی رحلت کی خبر سن کر جمشید نے فورا کام سے رخصت لی اور گھنٹوں کے اند پاکستان کے لیے روانہ ہو گیا۔ وہ شدید گرمی کا موسم تھا۔ جمشید کراچی میں اپنے گھر پہنچا تو وہاں اس کے والد کو دفنانے کی جلدی پڑی ہوئی تھی۔ جمشید دوپہر کے وقت کراچی پہنچا اور شام کو والد کی تدفین کے انتظامات میں شریک ہو گیا۔ جمشید کام سے صرف ہفتے بھر کی چھٹی پہ آیا تھا۔ پانچ دن بہت تیزی سے گزر گئے، پھر وہ واپس امریکہ روانہ ہو گیا۔ والد کے انتقال کے بعد جمشید نے بہت کوشش کی کہ اس کی والدہ امریکہ آ کر اس کے ساتھ رہیں۔ وہ ایک دفعہ تو امریکہ آئیں مگر یہاں مستقل رہنے کے لیے تیار نہیں ہوئیں۔ انہیں امریکہ میں بہت تنہائی محسوس ہوتی تھی۔
"میرے لیے تو اپنا ملک ہی اچھا ہے۔ گھر پہ مستقل لوگ آتے جاتے رہتے ہیں۔ یہاں تو ہفتوں تین لوگوں کے علاوہ چوتھے کی صورت دیکھنے کو نہیں ملتی،" جمشید کی والدہ شکایت کرتیں۔ جمشید کے گھر دو ماہ رہنے کے بعد وہ کراچی روانہ ہو گئیں۔
یاسمین نے جمشید کے منہ سے اپنی ماں کے ساتھ وقت گزارنے والی بات پہنے بھی سنی ہوئی تھی۔ اس نے اس موضوع پہ گفتگو کرنے کے بجائے اپنا مدعا بیان کرنا زیادہ بہتر خیال کیا۔
"دیکھو جمشید، زندگی میں ایک ایسا موقع آتا ہے کہ جب انسان اپنی زندگی سے بہت خوش ہوتا ہے۔ وہ ایسا وقت ہوتا ہے کہ کچھ اور کرنے، کچھ اور پانے کی خواہش نہیں ہوتی، بلکہ یہ خواہش ہوتی ہے کہ مسرت کا وہ لمحہ جو حال ہے بس جس قدر دیر تک قائم رہ سکتا ہے رہے۔ میں اپنی زندگی کا ایسا ہی پرمسرت دور گزار رہی ہوں۔ میں اس نشاط انگیز دورانیے کو ارادتاً ختم نہیں کرنا چاہتی۔ میں یقیناً پاکستان جا کر نہیں رہنا چاہتی۔ اور میں تم سے درخواست کروں گی کہ تم بھی یہ الٹے سیدھے خیالات اپنے ذہن سے نکال دو۔"
جمشید نے یاسمین کی اس پر زور بات کے جواب میں کچھ کہنا مناسب خیال نہیں کیا۔ مگر وقتی پسپائی اس کو اپنے ذہن سے پاکستان واپسی کا خیال نکالنے پہ مجبور نہ کر پائی۔
پھر ایک دن جمشید نے یاسمین کو کسی ای میل کے ساتھ آنے والی وہ پاور پوائنٹ نمائش دکھائی جس میں پاکستان کے شمالی علاقہ جات دکھائے گئے تھے اور نمائش کے آخر میں باور کرایا گیا تھا کہ وہ خوب صورت تصاویر سوئٹزرلینڈ کی نہیں تھیں بلکہ پاکستان کی تھیں۔ یاسمین کو وہ پاور پوائنٹ نمائش دکھانے کے بعد جمشید نے یاسمین کی طرف داد طلب نظروں سے دیکھا تھا۔ مگر یاسمین کے چہرے سے واضح تھا کہ وہ ان دلکش مناظر کی تصاویر سے زیادہ متاثر نہیں ہوئی تھی۔
یاسمین نے جمشید کو سمجھایا تھا، "جمشید، یہ خوب صورت پہاڑ اور برف پوش چوٹیاں جغرافیائی وحدتیں ہیں۔ ان کا تعلق کسی مملکت سے جوڑنا حماقت ہے۔ پاکستان بننے سے پہلے بھی یہ جھیل یہ پہاڑ ایسے ہی تھے۔ اشوکا کی حکومت کے وقت بھی یہ ایسا ہی تھا۔ مغلوں کے زمانے میں یہ بھی جغرافیہ ایسے ہی قائم تھا۔ اور جس وقت رنجیت سنگھ اس علاقے پہ حکومت کر رہا تھا اس وقت بھی یہ چیزیں اپنی جگہ پہ ایسی ہی تھیں۔ جھیل اور پہاڑ کی خوب صورتی میں پاکستان کا کوئی کمال نہیں ہے۔ ہاں پاکستان کی چھاپ ان مناظر قدرت پہ ایک اور طریقے سے ہے۔ تمھیں یاد ہو گا ہم وادی کاغان گئے تھے اور دریائے کہنار کو دور سے دیکھنے پہ اس شوخ و چنچل دریا کی خوب صورتی سے متاثر تھے۔ پھر ایک دن ناران میں جب ہم دریائے کنہار کے ساتھ ساتھ چلے تھے تو ہمیں اندازہ ہوا تھا کہ اس دریا کی خوب صورتی کو صرف دور سے سراہنا اچھا تھا کیونکہ دریا کے پاس پورے میں گوہ کی بو پھیلی ہوئی تھی۔ پاکستان نے اپنے لوگوں کو یہ تمیز نہیں سکھائی کہ انسانی ضروریات کس طرح پوری کی جائیں کہ اس سے دوسروں کو تکلیف نہ پہنچے۔ یہ ہے پاکستان کی چھاپ ان دریاؤں، پہاڑوں، برف پوش چوٹیوں، اور خوب صورت جھیلوں پہ۔ بد انتظامی کی یہ مہر ہے جو پاکستان نے اس خوب صورت جغرافیے پہ لگائی ہے۔"
پھر ایک دن جمشید نے گھر پہ چند لوگوں کو مدعو کیا تھا۔ بات سیاست سے چلتی اس موضوع تک پہنچی کہ کس طرح ترقی پذیر ممالک تارکین وطن کی صورت میں اپنا قیمتی ذہنی سرمایہ ترقی یافتہ دنیا کے ہاتھوں گنوا دیتے ہیں۔
"اب آپ مجھے دیکھیں۔ میں تیس سال پہلے یہاں پڑھنے کے لیے آیا تھا۔ پھر ادھر ہی کا ہو رہا،" جمشید نے کسی قدر تاسف سے کہا۔
"ہاں ہم سب یہاں پڑھنے کے لیے ہی آئے تھے۔ مگر کیا کریں، ہم میں سے جن لوگوں نے وطن واپس جا کر وہاں رہنے کی کوشش کی، انہوں نے منہ ہی کی کھائی۔ یہاں رہتے ہوئے ہماری عادتیں خراب ہو گئی ہیں۔ یہاں کی زندگی وہاں کی زندگی کے مقابلے میں بہت آسان ہے۔ یہاں ہر چیز کا ایک نظام بن گیا ہے۔ کیونکہ مغربی ممالک میں ان لوگوں نے جو الٹے سیدھے تجربات کرنے تھے، وہ کر لیے۔ انہیں بہت پہلے یہ بات سمجھ میں آ گئی ہے کہ طریقے سے زندگی کیسے گزاری جا سکتی ہے،" جمشید کے ایک دوست نے جمشید کی بات کا جواب دیا۔ یہ آدمی کچھ ہی عرصہ پہلے پاکستان میں دو سال گزار کر آیا تھا۔
یاسمین بھی وہاں موجود تھی، مگر وہ اس بحث میں شریک نہ ہوئی۔ اسے جمشید کے ذہن میں پکنے والے خیالات کا اندازہ تھا۔ اسے تشویش ہوئی کہ جمشید کے ذہن میں واپسی کا خیال اب بھی پوری شدت سے موجود تھا۔ پھر جب سب مدعو حضرات و خواتین اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے اور یاسمین اور جمشید مل کر باورچی خانے کے معاملات کو سلجھانے لگے، تو یاسمین نے ایک لحظے کے لیے رک کر جمشید سے کہا۔
تم اپنے ذہن سے پاکستان واپیس کا یہ خناس نکال دو۔ وہاں جاؤ گے تو مارے جاؤ گے۔ گھر سے باہر نکلو گے تو کوئی ٹی ٹی تمھارے سر پہ رکھ کر تم سے تمھارا بٹوہ چھین لے گا۔ کسی بازار میں ہو گے اور کوئی خود کش حملہ ہوا تو اس میں ہلاک ہو جاؤ گے۔ بہتر ہے کہ اپنی جان بچاؤ اور چپ چاپ ادھر ہی رہتے رہو۔ کولمبس کے بعد کون ایسا ہے جو یہاں آنے کے بعد واپس گیا ہو؟" جمشید نے یاسمین کی بات کا جواب نہ دینے میں مصلحت جانی۔ مگر یاسمین اپنے تمام دلائل جمشید تک پہنچانے کے من میں تھی۔
"جمشید، تمھیں یہ بات کیوں سمجھ میں نہیں آتی کہ پاکستان میں ایک عام شخص بہت خراب زندگی گزارتا ہے؟ وہاں مستقل بجلی، پانی کا مسئلہ رہتا ہے۔ یہاں بھی بجلی جاتی ہے مگر بہت کم، اور پھر جانے کے کچھ ہی دیر بعد آ جاتی ہے۔ پاکستان میں جاتی زیادہ ہے اور آتی کم ہے۔ اور پھر تم اس ملک کو اپنا کیوں کہتے ہو؟ کیا ہے وہاں تمھارا؟ تمھارا کیا بس چلتا ہے وہاں؟ وہ ملک ان لوگوں کا ہے جنہوں نے اسے دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ اگر تمھیں ملک کا صدر یا وزیر اعظم بنا کر بٹھا دیا جائے تو تم ضرور پاکستان جاؤ۔ مگر حکومتی بد انتظامی کی وجہ سے پیدا ہونے والی اذیت سہنے کیوں جاؤ؟ سڑنے کے لیے پاکستان کیوں جاؤ؟ اور اگر ہمیں سڑنے کے لیے ہی کہیں جانا ہے تو اتنا دور کیوں جائیں؟ نکاراگوا کیوں نہ چلے جائیں؟"
جمشید چپ چاپ کام میں مشغول رہا، مگر یاسمین بولتی رہی۔
"اور تم نہ جانے کس جگہ کی محبت اپنے دل میں لیے بیٹھے ہو؟ تمھیں یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ ملک مستقل تبدیل ہوتے رہتے ہیں؟ آج کا پاکستان وہ پاکستان نہیں ہے جو تم نے تیس برس پہلے چھوڑا تھا۔ جس طرح تم عمر کےتیس سال گزار کر کچھ سے کچھ ہو گئے ہو اسی طرح پاکستان بھی تیس سال گزار کر کچھ سے کچھ ہو گیا ہے اور افسوس ناک بات یہ ہے کہ اس ملک میں پچھلے تیس سالوں میں معاملات خراب ہی ہوئے ہیں۔"
پھر ایک آدھ دفعہ نہ چاہتے ہوئے بھی جمشید یاسمین سے الجھ پڑا۔ اس نے جھنجھلا کر کہا کہ یاسمین اس کی ہر بات میں کیڑے نکالتی تھی۔ اور ایک ایسی ہی بحث کے بعد دونوں میاں بیوی میں بات چیت بند ہو گئی۔
وقت گزرتا گیا۔ پھر جمشید اور یاسمین کی شادی کی سالگرہ قریب آئی تو یاسمین کو خیال ہوا کہ اس موقع پہ جمشید پہل کرے گا اور دونوں میں بات چیت بحال ہو جائے گی۔ مگر معاملہ اس کے برعکس ہوا۔ ایک دن اچانک ہی جمشید گھر سے غائب ہو گیا۔
یاسمین کسی کام سے گھر سے باہر تھی۔ وہ واپس آئی تو جمشید گھر پہ نہیں تھا۔ تعجب کی بات یہ تھی کہ جمشید کی گاڑی موجود تھی۔ یاسمین نے خیال کیا کہ شاید جمشید ٹہلنے کے لیے کہیں باہر گیا ہو گا، حالانکہ جمشید یوں ٹہلنے کے لیے باہر نہیں نکلتا تھا۔ پھر تقریباً آدھے گھنٹے بعد جب وہ باورچی خانے میں کوئی کام کر رہی تھی تو اس کی نظر مائکرو ویو اوون پہ رکھے ایک پرچے پہ پڑی۔ وہ رقعہ جمشید کی طرف سے تھا۔ اس کاغذ پہ لکھا تھا۔
"یاسمین، تم گھبرانا نہیں۔ میں جلد تمھیں خیریت کا فون کروں گا۔"
یاسمین کو یہ بات بہت عجیب معلوم دی۔ جمشید چند گھنٹے میں فون کرے گا، یا چند دنوں میں؟
پوری رات گزر گئی مگر جمشید واپس گھر نہ آیا۔ رات گئے کسی وقت یاسمین کی آنکھ لگی مگر پھر کچھ ہی دیر بعد فورا کھل گئی۔ اس وقت صبح کے پانچ بجے تھے۔ جمشید کمرے میں نہیں تھا۔ یاسمین نے بستر سے اٹھ کر پورے گھر کی تلاشی لی۔ جمشید کا کوئی نام و نشان نہیں تھا۔ یہ واضح تھا کہ جمشید واپس پلٹ کر نہیں آیا تھا۔
یاسمین نے پولیس کو فون کر دیا۔ پولیس نے یاسمین سے مختصرا چند سوالات کیے اور پھر ایک سپاہی کو یاسمین کے گھر بھیج دیا۔
"کیا آپ میاں بیوی کی کوئی لڑائی ہوئی تھی؟" سپاہی نے یاسمین کی بات سننے کے بعد سوال کیا۔
"نہیں، ایسی کوئی خاص بات تو نہیں،" یاسمین نے گول مول جواب دیا۔ وہ اپنے گھرکی نجی باتیں اوروں سے نہیں کرنا چاہتی تھی۔
سپاہی انگریزی میں لکھے رقعے کو دیر تک دیکھتا رہا۔
"یہ گم شدگی کا کیس ہرگز نہیں ہے۔ یہ واضح ہے کہ ایک آدمی اپنی مرضی سے کہیں گیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ آپ ان کے فون کا انتظار کریں، جیسا کہ اس رقعے میں لکھا ہے،" یہ کہہ کر سپاہی وہاں سے روانہ ہو گیا۔
اس وقت تک صبح کے آٹھ بج چکے تھے۔ یاسمین نے ہلکا سا ناشتہ کیا اور پھر نو بجے کے بعد جمشید کے دوستوں کو فون گھمانے شروع کیے۔ اس نے پہلے قریب کے دوستوں کو فون کیے اور پھر دوسری ریاستوں میں رہنے والے لوگوں سے بات کی۔ کسی کو جمشید کی کوئی خبر نہیں تھی۔
پھر اس پریشانی کی حالت میں یاسمین نے دانیال کو فون ملا دیا۔ جمشید اور یاسمین کا اکلوتا لڑکا، دانیال کالج میں دوسرے سال کا طالب علم تھا۔ دانیال نے فون نہیں اٹھایا اور یاسمین نے مختصر پیغام چھوڑ دیا۔ کچھ ہی دیر میں دانیال کا فون آگیا۔ ماں بیٹے کے درمیان کھل کر ساری باتیں ہوئیں۔
"امی، کیا میں گھر آ جاؤں؟" دانیال نے ماں کی پریشانی بھانپ کر کہا۔
"نہیں، دانیال، تم یہاں آ کر کیا کرو گے؟ ویسے بھی تمھارے امتحانات سر پہ ہیں۔ تم ادھر ہی رہ کر امتحان کی تیاری کرو۔ تمھارے ابا کوئی چھوٹے بچے نہیں ہیں۔ گھر آ ہی جائیں گے۔" یاسمین نے دانیال کو سمجھایا۔
یاسمین کے اگلے دو دن اضطراب کی حالت میں گزرے۔ اور اپنی اس پریشانی پہ اسے خود بھی تعجب ہوا۔ اس سے پہلے اسے اندازہ نہ تھا کہ وہ جمشید کی عدم موجودگی سے اس قدر بے سکون ہو جائے گی۔
جمشید کی گمشدگی کے دوسرے دن ایسے وقت فون کی گھنٹی بجی جب یاسمین کو کسی فون کا انتظار نہ تھا۔
کالر آئی ڈی پہ جو فون نمبر آیا وہ یاسمین کو کچھ سمجھ میں نہ آیا۔ مگر یاسمین کو خیال ہوا کہ وہ فون جمشید کا ہو گا۔ اور وہ واقعی جمشید کا فون تھا۔
"یاسمین، مجھے معاف کر دو۔ مگر میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں بالکل ٹھیک ٹھاک ہوں،" جمشید نے فون پہ کہا۔
"جمشید، تم نے یہ کیسی بچوں والی حرکت کی ہے۔ تم کہاں غائب ہو گئے ہو؟ تمھیں پتہ ہے کہ پچھلے دو دن میں نے اور دانیال نے کتنی پریشانی میں گزارے ہیں؟" یاسمین نے غصے سے کہا۔
"یاسمین، میں نے جو کچھ کیا، وہ کرنے کے علاوہ میرے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔ میں اس وقت ہندوستان میں ہوں، شاہ باغ میں،" جمشید نے جواب دیا۔
شاہ باغ یوپی کا وہ چھوٹا سا قصبہ تھا جہاں سے جمشید کی والدہ کا تعلق تھا۔
یاسمین جمشید کے اس انکشاف پہ حیرت زدہ رہ گئی۔
"اب میں ادھر ہی رہوں گا، اور چاہوں گا کہ تم بھی میرے پاس یہاں آ جاؤ۔ میں نے وہ گھر دیکھا ہے جو میری ماں نے بارہ سال کی میں چھوڑا تھا۔ میں کوشش کر کے اپنی ماں کو واپس یہاں بلا لوں گا۔ اس جگہ جہاں ان کے پرکھے زمین میں گڑے ہیں۔ میں اس وقت تک یہاں رہتا رہوں گا جب تک کہ میرا یا میری ماں کا بلاوا نہیں آ جاتا،" اتنی بات کہنے کے بعد جمشید رک گیا تا کہ یاسمین کو اپنی بات کرنے دے، مگر یاسمین کی زبان گنگ تھی۔
"یاسمین، میں پھر تم پہ زور دوں گا کہ تم یہاں میرے پاس آ جاؤ،" جمشید یہ کہنے کے بعد ایک بار پھر رک گیا۔ یاسمین اس وقت تک اپنا مختصر جواب سوچ چکی تھی۔
"اچھا۔ میں تمھیں سوچ کر بتاؤں گی،" یاسمین نے بہت کوشش سے اپنا لہجہ سپاٹ رکھتے ہوئے جواب دیا۔
فون بند ہو گیا۔
فون رکھنے کے بعد یاسمین صوفے پہ بیٹھی بہت دیر تک سوچتی رہی۔ اس نے ہمت جمع کر کے دانیال کو فون کر دیا۔ دانیال بھی جمشید کی ہندوستان میں موجودگی کا سن کر بہت حیران ہوا۔ اس رات جب یاسمین سونے کے لیے لیٹی تو اس کی آنکھوں سے آنسوؤں کے جھڑی لگ گئی۔ اسے یاد نہ رہا کہ اس کے آنسو کب رکے اور آنکھ کب لگی۔
اگلی صبح خاموش گھر کے پرسکون ماحول میں یاسمین آہستگی سے بیدار ہوئی۔ وہ دیر تک بستر پہ بے حس پڑی رہی۔ کچھ دیر بعد اس نے بستر کے سرہانے میز کے ساتھ پڑی گھڑی کی طرف دیکھا۔ اس وقت ساڑھے نو بج چکے تھے۔ سند باد ٹریول ایجنسی کھل گئی ہو گی، اس نے دل میں سوچا۔ پچھلے دس بارہ سالوں سے جمشید اور یاسمین سندباد ٹریول ایجنسی سے ہی جہاز کے ٹکٹ لیتے آئے تھے۔ یاسمین ہمت کر کے بستر سے اٹھی اور سند باد ٹریول ایجنسی کو فون کرنے کے ارادے سے بیٹھک کی طرف چل پڑی۔
ملال
ڈاکٹر شیریں جمال، ڈاکٹر شیریں جمال، کی صدائیں اسپتال کے پبلک اناؤسمنٹ سسٹم پہ کئی بار سنائیں دیں اور ڈاکٹر شیریں جمال یہ پکار سن کر اپنے ادھ کھائے سینڈوچ کو ایک کاغذی نیپکن میں لپیٹ کر کیفے ٹیریا سے اٹھ گئی۔ وہ تیز قدموں سے چلتی اپنے ڈپارٹمنٹ تک پہنچی جہاں ڈاکٹر مرتضی بھٹی اس کا انتظار کر رہے تھے۔ ڈاکٹر مرتضی بھٹی کو امریکہ سے پلٹے زیادہ عرصہ نہیں ہوا تھا اور شیریں آج کل ان ہی کی ماتحتی میں کام کر رہی تھی۔ ڈاکٹر شیریں جمال جوان اور خوش شکل تھی۔ ڈاکٹر مرتضی بھٹی اسے دیکھ کر مسکرائے اور اس سے کہا، "ڈاکٹر شیریں جمال، کیا آپ افتخار سے ملنا چاہیں گی؟ مجھے اس وقت ایک اور مریض کو دیکھنا تھا مگر وہ نہیں آیا ہے۔ اور افتخار بہت دیر سے یہاں آیا بیٹھا ہے۔ میں سوچتا ہوں کہ افتخار کو دیکھ لوں۔ آپ کو افتخار کا کیس تو یاد ہے نا؟ یہ دلچسپ کیس ہے۔"
افتخار سے ملنے کے سلسلے میں ڈاکٹر بھٹی نے شیریں سے اس کی مرضی ایسے ہی پوچھ لی تھی، ورنہ شیریں کو وہی کچھ کرنا تھا جو ڈاکٹر بھٹی کہہ رہے تھے۔
"ہاں، آپ افتخار کے کیس کے بارے میں کئی دفعہ بات کر چکے ہیں۔ میں یقیناً اس سے ملنا چاہوں گی۔" شیریں نے جواب میں کہا۔
"ڈاکٹر شیریں جمال آپ کو تو پتہ ہے کہ میں کس قدر خلاف ہوں دواؤں کے۔ زیادہ تر نفسیاتی مریضوں کو سائکو تھراپی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ضرورت ہوتی ہے کہ انہیں سنا جائے۔ ان کی سوچ میں جو کیڑے پڑ گئے ہیں انہیں گفتگو کے ذریعے باہر نکالا جائے۔ گو کہ میں نے افتخار کو میتھاڈون پہ رکھا ہوا ہے مگر میری پوری دلچسپی اس کی بات سننے میں ہے۔ وہ مجھ پہ اعتماد کرنے لگا ہے۔"
ڈاکٹر بھٹی نے شیریں سے بات کرنے کے دوران اپنی میز پہ رکھی ایک موٹی سی فائل کے چند کاغذات الٹ پلٹ کر دیکھے۔
"میں چاہوں گا کہ افتخار سے ملنے سے پہلے آپ اس کی یہ فائل سرسری طور پہ دیکھ لیں۔"
یہ کہنے کے بعد ڈاکٹر بھٹی نے فائل اٹھا کر شیریں کی طرف بڑھا دی۔ شیریں اس وقت تک اپنا سینڈوچ ختم کر چکی تھی۔
شیریں نے فائل کو شروع سے دیکھنا شروع کیا۔
"جیسا کہ میں آپ سے تذکرہ کر چکا ہوں، یہ پیچیدہ کیس ہے۔ مریض نشے کا عادی ہے اور اپنے نشے کو پورا کرنے کے لیے اپنے ہی گھر میں چھوٹی موٹی چوریاں کرتا رہا ہے۔ اس کی چوریوں سے تنگ آ کر گھر والوں نے اسے گھر سے نکال دیا تھا ورنہ انہیں افتخار کی نشے کی لت کے بارے میں شاید خبر نہیں تھی۔ افتخار کا ایک دور پرے کا رشتہ دار اسے میرے پاس لایا تھا۔ پچھلی ملاقات میں افتخار نے مجھ سے بہت کھل کر بات کی تھی کہ وہ ہیروئن کہاں سے خریدتا تھا، اس نے اپنی بہن کے زیور چرانے کے بعد کتنا برا محسوس کیا تھا، وغیرہ وغیرہ۔"
ڈاکٹر شیریں جمال ڈاکٹر بھٹی کی باتیں سننے کے ساتھ ساتھ مستقل فائل کے صفحات پلٹتی رہی اور اب تقریباً فائل کے آخر تک پہنچ گئی تھی۔
"اگر آپ فائل دیکھ چکی ہیں تو چلیں اس آدمی سے مل لیں،" ڈاکٹر بھٹی نے شیریں سے کہا۔
یہ سن کر شیریں نے آخری چند صفحات ایک ساتھ ہی پلٹ دیے اور فائل بند کر کے کرسی سے کھڑی ہو گئی۔
وہ دونوں ڈاکٹر بھٹی کے دفتر سے نکلے اور چند ہی قدم کے فاصلے پہ ایک کمرے پہ پہنچے۔ ڈاکٹر بھٹی نے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا اور اندر سے "ہوں" کی ہلکی سی آواز سننے پہ دروازہ کھول دیا۔ اندر موجود ایک یک نشستی صوفے پہ خشخشی داڑھی والا ایک فربہ سا نوجوان بیٹھا تھا۔ شیریں کو یوں محسوس ہوا کہ جیسے افتخار اسے دیکھ کر کچھ گھبرا گیا ہو۔
"افتخار، یہ ڈاکٹر شیریں جمال ہیں۔ یہ میرے ساتھ کام کرتی ہیں۔ میں ان کو اپنے ساتھ اس لیے لایا ہوں کیونکہ ان کی اسپیشلائزیشن ڈرگ ایڈکشن میں ہے اور یہ آپ کی بہت مدد کر سکتی ہیں۔"
ڈاکٹر شیریں جمال کے اس تعارف کے بعد بھی افتخار کے چہرے پہ تشویش کی ایک کیفیت موجود تھی۔ ڈاکٹر بھٹی کو مریض کو پرسکون کرنا آتا تھا۔ انہوں نے افتخار کے صوفے کے نیچے سے پاؤں ٹکانے کی روک برآمد کی اور ساتھ ہی اس کے صوفے کی پشت پیچھے کر دی۔
"افتخار تم آرام سے لیٹ جاؤ اور اپنی آنکھیں بند کر لو۔"
ڈاکٹر بھٹی کے کہنے پہ افتخار صوفے پہ آرام سے لیٹ گیا اور اس نے آنکھیں موند لیں۔
"افتخار، یہ سوچو کہ تم ایک چھوٹی سی سرسبز پہاڑی پہ کھڑے ہو۔ افتخار، نیچے دیکھو۔ وہاں ایک بہت خوب صورت جھیل ہے۔ نیلی، ساکت جھیل۔ پہاڑی سے نیچے جھیل کے ساحل تک جانے کے لیے پتھر کی سیڑھیاں بنی ہیں۔ ان سیڑھیوں کے دونوں طرف رنگ برنگے پھول لگے ہیں۔ افتخار، سوچو کہ تم آہستہ قدموں سے سیڑھیاں اتر رہے ہو، تم جھیل کی طرف بڑھ رہے ہو۔ افتخار، کیا تم یہ منظر سوچ سکتے ہو؟"
افتخار نے اثبات میں جواب دیا۔ "ہاں، میں یہ منظر سوچ سکتا ہوں۔"
"شاباش، افتخار۔ اب تم آہستہ آہستہ سیڑھیاں اترتے ہوئے جھیل کے بالکل کنارے پہنچ گئے ہو۔ یہاں ساحل پہ لکڑی کی ایک بینچ پڑی ہے۔ موسم بہت خوشگوار ہے۔ دیکھو کتنا اچھا منظر ہے۔ ایک خوب صورت جھیل تمھارے سامنے ہے۔ تم آرام سے بینچ پہ بیٹھ جاتے ہو۔ تم جھیل کر طرف دیکھ رہے ہو۔ یہاں مکمل سکون ہے۔ تمھیں کسی قسم کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ تم بہت آرام سے وہاں بیٹھے ہو۔
افتخار، کیا تم یہ ساری باتیں محسوس کر رہے ہو؟"
افتخار نے ایک سہل "ہوں" کے ساتھ اعتراف کیا کہ ڈاکٹر بھٹی کا کھینچا ہوا منظر اس کی آنکھوں کے سامنے تھا۔
"افتخار، اب تم چاہتے ہو کہ تمھاری پوری زندگی ایسی ہی ہو جائے۔ پرسکون، پر اطمینان۔ تم اپنے ذہن میں موجود الٹی سیدھی پریشانیوں سے جان چڑھانا چاہتے ہو۔ تم ایسا ہی چاہتے ہو نا، افتخار؟"
افتخار نے ایک دفعہ پھر اثبات میں جواب دیا۔
"اور ذہنی پریشانیوں سے جان چھڑانے کے لیے ضروری ہے کہ جو بات دل میں چبھ رہی ہے اسے کسی کے سامنے بیان کر دیا جائے۔ افتخار، تم پچھلی دفعہ کوئی بات مجھے بتاتے بتاتے رک گئے تھے۔ تم آج سب کچھ کھول کر بیان کر دو۔ بغیر ڈرے، بغیر ہچکچائے۔"
افتخار نے اچانک آنکھیں کھول دیں اور نظر بھر کر ڈاکٹر بھٹی اور شیریں کی طرف دیکھا۔
"نہیں، افتخار، آنکھیں مت کھولو۔ آنکھیں بند رکھو۔ خوب صورت جھیل کا منظر اپنے سامنے رکھو۔ تم جھیل کے سامنے بینچ پہ بیٹھے ہو اور اپنے آپ سے باتیں کر رہے ہو۔ تم باتیں کر کے اپنے اندر کی بے کار الجھنیں نکالنا چاہتے ہو۔ تم ایسا ہی کرنا چاہتے ہو نا، افتخار؟"
"ہاں، میں ایسا ہی کرنا چاہتا ہوں، ڈاکٹر بھٹی۔ مگر یہاں آپ میری باتیں سنیں گے۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ مجھ سےایک وعدہ کریں۔" افتخار کی آنکھیں اب بند تھیں۔
"کیسا وعدہ افتخار؟" ڈاکٹر بھٹی نے کسی قدر حیرت سے پوچھا۔
"آپ دونوں یہ وعدہ کریں کہ میں جو کچھ آپ کے سامنے بیان کروں گا اسے آپ راز ہی رکھیں گے اور کسی کو نہیں بتائیں گے۔ اور خاص طور پہ پولیس سے کوئی تذکرہ نہیں کریں گے۔"
افتخار کی اس آخری بات نے ڈاکٹر بھٹی کو کسی قدر پریشان کر دیا۔
"افتخار، میرے لیے تمھاری صحت اہم ہے، تمھاری سلامتی مجھے عزیز ہے۔ اگر تم خودکشی کی کوشش کرو گے یا کرنا چاہو گے تو میں ضرور پولیس کو بتا دوں گا۔ مگر اس کے علاوہ تم سے ساری گفتگو ہم تین لوگوں کے درمیان ہی محدود ہے۔ تم بالکل بے فکر ہو جاؤ۔" ڈاکٹر بھٹی نے کچھ سوچ کر افتخار کی بات کا جواب دیا۔
افتخار یہ جواب سن کر چپ ہو گیا۔
"ہاں، افتخار بتاؤ کہ تم نے پہلی دفعہ ہیروئن کب پی؟ یہ سلسلہ کیسے شروع ہوا؟"
"میں اس بات کو ذرا پیچھے سے شروع کروں گا۔" افتخار نے آہستہ آہستہ بولنا شروع کیا۔
" میں ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوا۔ ہم پانچ بہن بھائی ہیں، تین بہنیں اور دو بھائی۔ والد ٹی اینڈ ٹی میں کام کرتے تھے۔ ان کی تنخواہ معمولی تھی۔ ہم لوگوں کا گزارا بہت مشکل سے ہوتا تھا۔"
اور اس کے بعد افتخار نے جو داستان سنائی اس کہانی میں مرتضی بھٹی اور شیریں جمال پوری طرح کھو گئے۔ افتخار کی زندگی کا پورا نقشہ مرتضی بھٹی اور شیریں جمال کے سامنے کھنچ گیا۔
افتخار کے والد نے کسی طرح تنگی ترشی سے اپنے بچوں کی پرورش کی مگر اپنی تنگ دستی کے باوجود اپنے تئیں بچوں کی تعلیم کی طرف خصوصی دھیان دیا۔ افتخار پڑھائی میں کبھی اچھا نہیں رہا مگر وہ جماعت در جماعت آگے بڑھتا رہا۔
افتخار نے جس معاشرے میں آنکھیں کھولیں وہاں اس کے آس پاس کی دنیا بہت رنگین تھی۔ ہر طرف دولت کی چمک تھی۔ طرح طرح کے دیسی اور بدیسی ریستوراں تھے جہاں لوگ عیاشی سے کھانے کھاتے تھے۔ میک ڈانلڈ اور پیٹزا ہٹ اور ان کے سامنے رکنے والی چمکدار گاڑیاں، جن سے سجے دھجے لوگ نیچے اترتے اور اندر جا کر مہنگے کھانے کھاتے۔ یہ چمکدار، عیش و عشرت کی دنیا افتخار کے خاندان کی پہنچ سے باہر تھی۔ افتخار غالباً پندرہ سال کا تھا جب اس کو اپنے گھرانے کی کسمپرسی کا اندازہ ہوا۔ اس کی خواہش ہوئی کہ وہ بھی اور لوگوں کی طرح عیاشی کی زندگی گزارے۔ اس کو غصہ آیا کہ اس کے باپ کے پاس اتنا پیسہ کیوں نہ تھا کہ اپنے بچوں کو اچھے ریستورانوں میں مہنگے کھانے کھلا سکتا۔
پھر وہ وقت آیا جب افتخار نے بی اے مکمل کر لیا۔ اب اس کا مزید آگے پڑھنے کا ارادہ نہ تھا۔ افتخار نے نوکری کی تلاش شروع کی۔ نوکری ملنا بھی آسان کام نہ تھا مگر بہت سفارش سے اسے ایک بینک میں نوکری مل گئی۔ گھر والے خوش تھے کہ لڑکا کام دھندے سے لگ گیا تھا۔ پورے مہینے کام کرنے کے بعد افتخار کو تنخواہ ملی تو کل ملا کر سات ہزار روپے ہاتھ آئے۔ نوکری ملنے سے پہلے افتخار نے اپنے دوستوں سے وعدہ کیا تھا کہ پہلی تنخواہ ملنے پہ وہ دوستوں کو کسی اچھی جگہ کھانا کھلائے گا۔ پہلی تنخواہ کا جشن منانے کے لیے افتخار اپنے چار دوستوں کو لے کر پیٹزا ہٹ پہنچا۔ سب نے خوب کھل کر کھانا کھایا۔ بل چار ہزار روپے آیا۔ اس رات افتخار کو اندازہ ہوا کہ بینک میں نوکری کر کے ہوٹل بازی نہیں کی جا سکتی۔ اس قسم کی عیاشی کی زندگی جینے کے لیے کچھ اور کرنا پڑتا ہے۔
خدا کے چنیدہ بندے
کے بی سہیل کا اصل نام خدا بخش سہیل تھا مگر امریکہ آنے سے پہلے ہی اس کا اپنے نام کے بارے ميں خیال تھا کہ اللہ دتا اور غلام نبی جیسے ناموں کی طرح "خدا بخش" پرانے وقتوں سے تعلق رکھنے والا نام تھا۔ پھر جب امریکہ آنے کے بعد خدا بخش سہیل کو اس کے پہلے نام سے پکارا گیا اور کئی جگہ وہ "خدا" کہلایا تو اس کو خیال ہوا کہ اس کو اپنے نام کے ساتھ کچھ نہ کچھ کرنا ہو گا۔ تب ہی اس نے "خدا بخش سہیل" کو "کے بی سہیل" کر دیا۔ کے بی سہیل ان لوگوں میں سے تھا جو ایک ڈگر پکڑتے ہیں تو ثابت قدمی سے اس پہ چلتے رہتے ہیں، جس جگہ رہنا شروع ہو جائیں وہاں سالوں رہتے رہتے رہیں، جو نوکری کریں اس پہ وفاداری سے چمٹے رہتے ہیں۔ اب کیلی فورنیا تھا، کے بی سہیل تھا، ایک نوکری تھی، اور سہیل کے اپارٹمنٹ کے قریب واقع مسجد میں سہیل کے چکر تھے۔ کے بی سہیل نجمی کو اس وقت سے جانتا تھا جب نجمی کیلی فورنیا میں نیا نیا آیا تھا۔ نجمی نے ٹیکسس سے ایم ایس کی سند حاصل کی تھی اور اب یہاں کیلی فورنیا پہنچ کر نوکری تلاش کر رہا تھا۔ وہ رمضان کا مہینہ تھا۔ کے بی سہیل کی طرح نجمی بھی ہر شام مسجد پہنچ جاتا۔ مسجد میں مفت افطاری کا انتظام ہوتا اور دوسرے رضاکاروں کے ساتھ نجمی اور کے بی سہیل لوگوں کو کھانا دینے کے کام میں مسجد کی انتظامیہ کا ہاتھ بٹاتے۔ رمضان ختم ہونے کے بعد بھی نجمی مسجد میں آتا رہا۔ وہ کے بی سہیل کو اکثر جمعے کی نماز میں ملتا۔ پھر چند ماہ گزر گئے اور کے بی سہیل نے غور کیا کہ اس نے بہت عرصے سے نجمی کو نہیں دیکھا تھا۔ یہ احساس کرنے کے بعد کے بی سہیل نے اگلے کئی جمعوں میں نجمی کی باقاعدہ تلاش کی مگر وہ سہیل کو مسجد میں نہیں ملا۔
پھر ایک روز کے بی سہیل کسی دوست کو فون کرنے کے لیے اپنی فون کی ڈائری میں اس دوست کا نمبر تلاش کر رہا تھا کہ اس کی نظر نجمی کے نمبر پہ پڑ گئی۔ کے بی سہیل نے فورا اسے فون گھما دیا۔ اس نمبر پہ کسی اختر صاحب نے سہیل سے بات کی۔ اختر صاحب نے اسے بتایا کہ نجمی بہت عرصے پہلے وہ اپارٹمنٹ چھوڑ کر جا چکا تھا اور اختر صاحب دو کمروں کے اس اپارٹمنٹ میں نجمی کی جگہ ہی آئے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نجمی کو نوکری ملے ایک عرصہ ہو گیا تھا اور وہ اب کہیں اور رہتا تھا۔ اختر صاحب کے پاس نجمی کا نیا نمبر نہیں تھا۔ سہیل کو نجمی سے ملنے کی ایسی کوئی تڑپ نہیں تھی کہ ادھر ادھر فون گھما کر اس کا نمبر ضرور ہی حاصل کرتا۔ بات آئی گئی ہو گئی۔ اس واقعے کے بہت عرصے بعد ایک روز جب کے بی سہیل گاڑی کے ٹائر خریدنے کے لیے سئیرز نامی دکان گیا تو وہاں اسے نجمی مل گیا۔ وہ کے بی سہیل سے تپاک سے ملا۔
"ارے سہیل بھائی، آپ کہاں تھے؟ یقین جانیں ابھی دو دن پہلے ہی آپ کو یاد کر رہا تھا،" اس نے سہیل کو گلے لگاتے ہوئے کہا۔
"نجمی، تم ایسے پکے جھوٹے ہو کہ خدا کی پناہ۔ تمھارے پاس تو میرا فون نمبر ہے۔ اگر میری یاد میں ایسا ہی تڑپ رہے تھے تو مجھے فون کر لیتے،" کے بی سہیل نے ہنستے ہوئے جواب دیا۔
"نہیں، سہیل بھائی، میرے پاس واقعی آپ کا نمبر نہیں ہے۔ کسی زمانے میں تھا مگر مستقل اپارٹمنٹ بدلنے پہ کہیں ادھر ادھر ہو گیا۔" نجمی نے سنجیدگی سے جواب دیا۔
کے بی سہیل نے اس کی بات کا اعتبار کر لیا۔ وہ دونوں دیر تک ایک دوسرے کا حال احوال پوچھتے رہے۔
"سہیل بھائی، آپ کیا کر رہے ہیں ابھی؟" نجمی نے کے بی سہیل سے پوچھا۔
"کیا مطلب کہ کیا کر رہا ہوں؟ یہاں ٹائر تلاش کرنے آیا ہوں۔ اگر قیمت مناسب معلوم ہوئی تو خرید لوں گا اور پھر ان ہی لوگوں سے نئے ٹائروں کو گاڑی میں نصب کرواؤں گا۔" کے بی سہیل نے جواب دیا۔
"اچھا، ایسا کریں کہ آپ ٹائر دیکھ لیں۔ اگر ٹائر پسند آ گئے تو نصب کروانے کے لیے گاڑی چھوڑ کر میرے ساتھ گھر چلیے گا۔ ہم دونوں بیٹھ کر کچھ کھائے پئیں گے اور گپ لگائیں گے۔" نجمی نے صلح دی۔
یہ خیال کے بی سہیل کو اتنا برا نہ معلوم دیا۔ بہت عرصہ ہو گیا تھا کے بی سہیل کو یاروں دوستوں میں بیٹھے۔ اس نے حامی بھر لی۔ سہیل نے دکان میں رکھے ہوئے ٹائر دیکھے۔ وہاں ٹائروں کی قیمتیں کچھ زیادہ معلوم دیں اس لیے کے بی سہیل نے وہاں سے ٹائر خریدنے کا ارادہ ملتوی کر دیا۔ نجمی کا کام پہلے ہی ختم ہو چکا تھا۔ وہ کاکنگ گن لینے وہاں آیا تھا جو وہ خرید چکا تھا۔ نجمی اس اسٹور سے زیادہ فاصلے پہ نہیں رہتا تھا۔ اس نے سہیل کو اپنے گھر کا راستہ سمجھایا اور کے بی سہیل اپنی گاڑی میں نجمی کی گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے اس کے گھر پہنچ گیا۔ نجمی اب ایک باقاعدہ گھر میں رہتا تھا جو اس نے مہینہ بھر پہلے ہی خریدا تھا۔
نجمی نے بہت چاہ سے سہیل کو اپنا گھر دکھایا۔ وہ دو خواب گاہوں والا چھوٹا سا گھر تھا۔ گھر کی اچھی بات یہ تھی کہ گھر کے تین اطراف اچھی کھلی جگہ تھی۔ کے بی سہیل نے دل کھول کر اس کے گھر کی تعریف کی۔
وہ دونوں بیٹھک میں آ گئے اور ادھر ادھر کی باتیں کرنے لگے۔
"نوکری مل گئی تو تمھاری ساری دعائیں قبول ہو گئیں اور تم نے مسجد آنا چھوڑ دیا۔" کے بی سہیل نے کافی دیر کے بعد نجمی سے وہ بات کہی جو اس سے ملتے ہی سہیل کے ذہن میں آ گئی تھی۔
"نہیں، یہ بات نہیں ہے،" نجمی نے بات کی نفی کی۔ پھر وہ کچھ رک کر بولا۔
"سہیل بھائی، بس میں دیکھتا ہوں۔ لوگوں کے تضادات پہ غور کرتا رہتا ہوں۔"
"کیا دیکھتے ہو؟ کن تضادات کی بات کر رہے ہو؟" کے بی سہیل نے تجسس سے نجمی سے پوچھا۔
"چلیں چھوڑیں۔ کوئی اور بات کرتے ہیں؟" نجمی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا۔
کے بی سہیل نے بھی مناسب خیال نہ کیا کہ اس موضوع کو زیادہ گھسیٹے۔ سہیل کا مشاہدہ تھا کہ دوستوں کو زیادہ پند و نصیحت کی جائے تو وہ ناراض ہو جاتے ہیں۔ دونوں ادھر ادھر کی باتیں کرنے لگے۔
"آپ کو یاد ہے کہ دو سال پہلے جون میں ایک مصری کو مسجد میں دل کا دورا پڑا تھا،" کچھ دیر بعد نجمی نے سہیل سے پوچھا۔
"ہاں، میں نے سنا تھا۔ میں ان دنوں شہر سے باہر تھا۔ کیا بنا اس مصری آدمی کا؟" حالانکہ وہ قصہ کے بی سہیل کو کسی حد تک معلوم تھا مگر وہ قصے کو نجمی کی زبانی سننا چاہتا تھا۔
"سہیل بھائی، اس مصری کو دل کا دورہ پڑا تو کسی نے اپنے موبائل فون سے نو گیارہ کو فون کر دیا۔ پانچ منٹ میں ایمبولینس آ گئی مگر اس وقت تک وہ آدمی مر چکا تھا۔ ایمبولینس کے ساتھ آنے والے عملے نے اس مصری کو سی پی آر دینے کی کوشش کی مگر اس کی جان نکلے کچھ دیر ہو چکی تھی۔ پھر ایمبولینس کے عملے نے وہاں موجود لوگوں سے پوچھا کہ انہوں نے دل کا دورہ پڑنے والے شخص کو فورا ابتدائی طبی امداد کیوں نہیں دی۔ وہاں موجود نمازیوں کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں تھا۔ شاید ان میں سے کسی کے پاس بھی طبی امداد کی تربیت نہیں تھی۔ مصری شخص کو اسپتال لے جایا گیا مگر ظاہر ہے کہ اب صرف آٹوپسی ہوسکتی تھی۔" نجمی کا دکھ اس کے لہجے سے ظاہر تھا۔
نجمی کی یہ بات مکمل ہونے کے بعد دونوں کچھ دیر خاموش رہے۔ کے بی سہیل دل میں سوچتا رہا کہ نجمی نے یہ پرانا قصہ کیوں چھیڑا تھا۔
"آپ کو پتہ ہے کہ پچھلے سال جولائی میں یہاں پہاڑی علاقے میں کیا واقعہ ہوا؟" کچھ دیر بعد نجمی نے کے بی سہیل سے پوچھا۔
"نہیں، مجھے نہیں معلوم۔ کیا ہوا؟" کے بی سہیل حیران تھا کہ مسجد میں موت کے واقعے سے پہاڑی علاقے میں ہونے والے کسی واقعے کا کیا تعلق ہو سکتا تھا۔
سہیل بھائی، آپ کو تو پتہ ہے کہ انسانی آبادی بڑھتی جا رہی ہے اور جانوروں کے رہنے کی جگہ تنگ پڑتی جا رہی ہے۔ پچھلے سال جولائی میں یہاں پہاڑی علاقے میں ایک روز ایک ہرن کو کسی گاڑی نے ٹکر مار دی۔ ہرن زخمی ہو کر بیچ سڑک میں گر گیا۔ ہرن کو ٹکر مارنے والی گاڑی کا بہت نقصان ہوا تھا، وہ گاڑی سڑک کے ایک طرف کھڑی ہو گئی۔ اور ٹریفک بھی ٹھہرنا شروع ہو گیا۔ کسی نے پولیس کو فون کر دیا۔ کچھ ہی دیر میں وہاں پولیس کی ایک گاڑی آ گئی۔ پولیس اہلکار نے زخمی ہرن کا جائزہ لیا۔ یہ بات سامنے آئی کہ وہ ہرن نہیں ہرنی تھی اور ہلاک نہیں ہوئی تھی بلکہ شدید زخمی تھی۔ سپاہی کی رائے میں ہرنی اس بری طرح زخمی تھی کہ اس کے بچنے کا کوئی امکان نہ تھا۔ سپاہی کی رائے تھی کہ ہرنی کو زخموں کی تکلیف سے جلد از جلد نجات دلا دی جائے۔ وہاں کھڑے مجمع میں موجود کچھ اور لوگ بھی جانوروں کا اچھا علم رکھتے تھے۔ انہوں نے ہرنی کی تکلیف دیکھ کر پولیس اہلکار کی ہاں میں ہاں ملائی۔ اہلکار نے اپنی پستول نکالی اور ہرنی کو گولی مار دی۔ درد سے کراہتی ہوئی ہرنی وہیں ٹھنڈی ہو گئی۔ وہاں موجود لوگوں نے ہرنی کے مرنے کا افسوس کیا۔ پھر کسی نے ہرنی کے متعلق ایک اور مشاہدہ کیا۔ ہرنی مر چکی تھی مگر اس کا پیٹ زور زور سے ہل رہا تھا۔ وہاں موجود لوگوں میں سے ایک شخص فارم پہ پلا بڑھا تھا۔ اس نے خیال کیا کہ مرنے والی ہرنی حاملہ تھی۔ وہ شخص جلدی سے اپنی گاڑی سے ایک شکاری چاقو نکال لایا۔ ہرنی کے پیٹ کو چیرا گیا تو اندر سے ایک بچہ نکلا۔ ہرنی کو مرے اب کچھ دیر ہو چکی تھی اور ہرن بچہ مردہ نظر آتا تھا۔ یقیناً ہرنی کی موت کے بعد اس کے دوران خون کے بند ہونے سے بچے کو آکسیجن پہنچنا بند ہو گئی تھی۔ فارم کے تجربہ کار شخص نے ہرن بچے کو منہ سے سانس دینا شروع کی۔ نوزائیدہ بچہ خون میں لتھڑا تھا مگر وہ شخص اس امر سے بے نیاز ہرن بچے کے خون آلودہ منہ کو اپنے منہ میں دبائے بچے کو زور زور سے سانس دے رہا تھا اور اس کا سینہ دبا رہا تھا۔ وہاں موجود تمام لوگ دم بخود یہ تماشہ دیکھ رہے تھے۔ پھر کچھ دیر میں ہرن بچے نے جھرجھری لی اور بچے کی سانس بحال ہو گئی۔ ہرن بچے نے آنکھیں کھول کر اپنے آس پاس کھڑے لوگوں کو دیکھا۔ فرط جذبات سے لوگوں کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ وہ سخت گرمی کے دن تھے۔ ایک شخص اپنی گاڑی سے پانی کی بوتل لے آیا۔ پانی کے قطرے ہرن بچے کے منہ میں ٹپکائے گئے۔ پھر فارم کے تجربہ کار شخص نے عقلمندی کا ایک اور مظاہرہ کیا۔ اس نے ہرن بچے کا منہ مری ہوئی ہرنی کے تھن سے لگا دیا۔ تھن میں کچھ دودھ تھا جو بچے نے فورا چوس لیا۔ اب ہرن بچے کے جسم میں کچھ جان پڑ چکی تھی۔ اخبار کی اطلاع کے مطابق ہرن بچے کو جانوروں کے اسپتال پہنچا دیا گیا اور دو دن بعد اس شخص کے حوالے کر دیا گیا جس نے اس بچے کی جان بچائی تھی،" نجمی نے پورا واقعہ نہایت تفصیل سے سنایا۔
پھر کسی قدر توقف سے نجمی پھر بولنا شروع ہوا۔
"کچھ لوگوں کا ہیرو وہ موٹا مولوی ہے جس کے ماتھے پہ کثرت عبادت سے سیاہ گٹا پڑ گیا ہے مگر جو مسجد میں دل کا دورہ پڑنے والے ایک شخص کی کوئی مدد نہیں کر سکتا۔ میرا ہیرو وہ شخص ہے جس نے کبھی کوئی نماز نہیں پڑھی مگر جو ایسا اوتار ہے کہ مری ہوئی حاملہ ہرنی کے پیٹ سے بچے کو نکال کر اسے اپنے منہ سے سانس دے کر اس کی جان بچا لیتا ہے۔ صبح و شام مساجد کا چکر لگانے والے لوگ شاید اپنی سگی اولاد سے بھی ایسی انسانیت کا مظاہرہ نہ کر سکیں۔" نجمی نے کسی قدر جذباتیت سے کہا۔
"نجمی، تم دو مختلف چیزوں کو آپس میں جوڑنے کی کوشش کر رہے ہو۔ خدا کی عبادت کرنا ایک چیز ہے اور دنیاوی علم حاصل کرنا اور دل میں دوسروں کا درد رکھنا ایک دوسری چیز ہے۔" کے بی سہیل نجمی کی عجیب و غریب باتوں سے پریشان ہو گیا تھا۔
"یہی میری اور آپ کی سوچ کا فرق ہے۔ میرا خیال ہے کہ علم حاصل کرنا اور دوسروں کے لیے درد رکھنا ہی سب سے بڑی عبادت ہے۔ " نجمی نے اطمینان سے جواب دیا۔ لگتا تھا کہ نجمی کے بی سہیل سے اپنے دل کی بھڑاس نکالنا چاہتا تھا۔
"سہیل بھائی، میں تو یہ دیکھتا ہوں کہ میرے پاس جو مہمان آتے ہیں ان کی دو واضح قسمیں ہیں۔ ایک وہ ہوتے ہیں جو فورا مسجد کا پتہ پوچھتے ہیں اور معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ حلال گوشت کہاں سے ملتا ہے، اور دوسرے وہ ہوتے ہیں جو اسٹینفرڈ اور برکلی دیکھنا چاہتے ہیں۔ اور ان دونوں اقسام کے مہمانوں میں فکر کی کوئی بھی قدر مشترک نظر نہیں آتی۔ میں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ میرا تعلق اس دوسری قسم کے لوگوں سے ہے اور رہنا چاہیے،" نجمی نے کہا۔
کے بی سہیل کے پاس مزید وقت نہ تھا کہ وہ نجمی سے الجھتا۔ اس نے دل میں دعا کی کہ خدا تعالی نجمی کو نیک راستے پہ چلنے کی توفیق دے۔ مغرب کی نماز کا وقت نکل رہا تھا۔ کے بی سہیل نجمی سے اجازت لے کر مسجد کی طرف چل پڑا۔
سنہری ٹوپیوں والے تین اجنبی
کل ایک عجیب واقعہ ہوا۔ میں اپنے دفتر میں بیٹھا انہماک سے کام کر رہا تھا کہ اچانک تین آدمی وہاں آئے۔ وہ تینوں ایک جیسی سنہرے رنگ کی ٹوپیاں لگائے ہوئے تھے۔ وہ ایسی ٹوپیاں تھیں جو لوگ عموماً بچوں کی سالگرہ پہ پہنتے ہیں، اس ہئیت کی کہ جیسے آپ نے ایک لمبی کون کو الٹا کر کے پہن لیا ہو۔ پہلی نظر میں مجھے یہ بات کچھ عجیب معلوم دی کہ وہ تینوں، نسبتا بڑی عمر کے آدمی، اس طرح کی بچکانہ ٹوپیاں پہنے ہوئے تھے۔ مگر میں نے ان کی طرف غور سے دیکھا تو وہ تینوں بالکل سنجیدہ تھے۔ ان کے چہروں پہ مسکراہٹ کا کوئی نشان نہیں تھا۔ الٹا ان کی بھنویں سکڑی ہوئی تھیں۔ میں نے ان تینوں کی طرف استفسار کی نظر سے دیکھا۔ میں جاننا چاہتا تھا کہ وہ میرے دفتر میں کیوں آئے تھے۔ وہ تینوں ایک صف میں کھڑے تھے اور مجھے بہت غور سے دیکھ رہے تھے۔ پھر دونوں سروں پہ کھڑے آدمیوں نے میکانیکی انداز میں اپنی گردنیں گھما کر بیچ والے شخص کی طرف دیکھنا شروع کیا۔ یہ ان دونوں کا اشارہ تھا کہ بیچ والا شخص اپنی بات شروع کر سکتا تھا۔
"کیا تم آنند بھاٹیا کو جانتے ہو؟" بیچ میں کھڑے شخص نے پرسکون لہجے میں مجھ سے پوچھا۔
ٹھیک اسی وقت میرے فون کی گھنٹی بج گئی۔ فون میرے دائیں ہاتھ پہ رکھا تھا۔ میں نے تینوں ملاقاتیوں سے معذرت کا جملہ کہتے ہوئے اپنی کرسی کو گھمایا اور فون کا سامنا کرتے ہوئے فون اٹھا لیا۔ وہ ایک اہم کاروباری سلسلے کا فون تھا۔ مگر فون کی اہمیت کے باوجود میں دوسری طرف کی بات سنتے ہوئے ذہن پہ زور ڈال رہا تھا کہ آخر میں نے آنند بھاٹیا کا نام کہاں سنا ہے۔ اور میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا تھا کہ نہ صرف یہ کہ میں نے آنند بھاٹیا کا نام سنا ہے بلکہ زندگی کے کسی نہ کسی موڑ پہ میں آنند بھاٹیا کو اچھی طرح جانتا رہا ہوں۔
فون پہ گفتگو کے دوران کسی موقع پہ دوسری طرف سے مجھ سے ایک سوال کیا گیا اور مجھے کچھ سوچ کر اس سوال کا جواب دینا پڑا مگر اس مختصر فکری انحراف کے بعد میرا ذہن پھر سے آنند بھاٹیا کو یاد کرنے کی طرف متوجہ ہو گیا۔ میں نے اپنے ذہن پہ بہت زور دیا مگر آنند بھاٹیا کا چہرہ کسی طرح میری یاد داشت کے کسی کونے سے نکل کر سامنے نہ آیا۔ اس کے باوجود اچھی بات یہ ہوئی کہ ذہن پہ اس قدر زور دینے کے بعد آنند بھاٹیا کی زندگی کے بہت سے گوشے سوالات بن کر میرے ذہن میں ابھرنا شروع ہوئے۔
میں سوچنے لگا کہ کیا آنند بھاٹیا ایک عام آدمی تھا؟ دنیا کے کارخانے کے ایک چھوٹے سے گوشے میں سر جھکا کر کام کرنے والا عام آدمی؟ اپنے بزرگ ماضی اور متوقع بے کراں مستقبل سے مکمل طور پہ کنارہ کش ایک عام آدمی؟ اپنی چھوٹی چھوٹی پریشانیوں میں جوجھنے والا عام آدمی؟ ایک ایسا عام آدمی جس کی زندگی کا آج اس کے کل سے صرف اس طرح مختلف ہوتا ہے کہ اس کے کلینڈر پہ ایک نئی تاریخ چڑھ جاتی ہے؟ کہ آنند بھاٹیا صرف اس لیے دنیا میں آیا تھا کہ وہ دنیا کی شماریات کا ایک حصہ بن سکے؟ کہ اس کا نام آنند بھاٹیا نہ ہوتا تو محمد اسلم ہوتا، یا راج سنگھ، یا جان اسمتھ؟ کہ آنند بھاٹیا جیسے لوگوں کی تلاش تو ہر مذہبی رہنما، ہر سیاسی نیتا کو ہوتی ہے۔ ایسے لوگ جو مندر، مسجد، گرجا، اور سیاسی جلسے بھرا کرتے ہیں۔ ایسے لوگ جو ایک دن کسی بم دھماکے، کسی بڑے حادثے، کسی جنگ میں مر جاتے ہیں، اور اخبار میں صرف یہ خبر ہوتی ہے کہ بم دھماکے، یا حادثے، یا جنگی معرکے میں اتنے افراد ہلاک ہو گئے۔ کم ہی لوگ یہ زحمت کرتے ہیں کہ ایک ساتھ اتنے سارے مرنے والوں میں سے ہر ایک کے بارے میں الگ الگ جستجو کریں۔ کہ وہ مرنے والوں کے ڈھیر میں سے ہر آنند بھاٹیا کو الگ الگ نکالیں اور ہر موت پہ الگ الگ آنسو بہائیں۔
میں فون پہ دوسری طرف کی باتیں سن کر ہوں ہوں کرتا رہا اور ساتھ یہ سوچتا رہا کہ آیا آنند بھاٹیا کو زندگی میں کبھی اتنی فرصت ملی کہ وہ اپنی زندگی کے بارے میں سوچ سکے۔ اور یہ بھی ممکن ہے کہ آنند بھاٹیا نے واقعی کبھی سوچنا شروع کیا ہو اور اس کو یہ بات سمجھ میں آ گئی ہو کہ زندگی محض اتفاقات کے ایک طویل مجموعے کا نام ہے۔ اور شاید یہ جان کر آنند بھاٹیا اپنے وجود پہ حیران ہوا ہو اور پھر زندگی میں آنے والے ہر اتفاق کی حقیقت کو پہچاننے لگا ہو۔ اور پھر اس کے اندر اس حیرت کا شعور مستقل موجود رہتا ہو۔ اور پھر کبھی کبھار یہ شعور اتفاقات کی آندھی سے بلند ہو کر دنیا کے گورکھ دھندے میں منطق تلاش کرتا ہو۔ اور شاید ذہنی ہیجان کے کسی ایسے ہی بہاؤ میں آنند بھاٹیا کو کسی موقع پہ یہ خوف آیا ہو کہ وہ اپنے وجود میں کس قدر تنہا ہے، کہ اگر کبھی وہ خود اپنا آپ نہ رہا مگر اسے یہ شعور رہا کہ وہ پہلے کیا تھا تو اسے اپنے آپ سے بچھڑ جانے کا کس قدر افسوس ہو گا۔
اور یہ بھی ممکن ہے کہ عمر کے سینتیس سال گزارنے پہ آنند بھاٹیا نے خوشی منائی ہو کہ وہ طوالت العمری میں وینسینٹ فین غوغ کو شکست دے گیا تھا۔ یہ جشن منایا ہو کہ وہ اپنے آپ سے بچ گیا تھا۔ کیونکہ اس بات کا بھی تو امکان تھا کہ خوف اور مایوسی کے کسی لمحے میں وہ اپنے آپ کو گولی مار لیتا۔
جب آنند بھاٹیا سے متعلق میری سوچ اس مقام تک پہنچی تو مجھے دفعتاً اچھی طرح یاد آگیا کہ میں آنند بھاٹیا کو کیسے جانتا ہوں۔ میں فون پہ ہونے والی کاروباری گفتگو کو کاٹ کر سنہری ٹوپیوں والے تین اجنبیوں کو یہ بتانے کے لیے پلٹا کہ میں ہی آنند بھاٹیا ہوں مگر اس وقت تک وہ تینوں وہاں سے روانہ ہو چکے تھے۔
روز پدر
نہ جانے ایسا کیوں ہے کہ میں نے ہمیشہ توانا جذبات اور محسوسات کا تعلق رنگ، بو اور ذائقے سے جوڑا ہے۔ کہ کوئی مجھ سے پوچھے کہ محنت کی مہک کیسی ہوتی ہے تو میں کہوں گا کہ یہ وہ خوشبو ہے جو شدید گرمیوں کے دنوں میں اس تپتی گاڑی کے اندر سے آتی جو ہمارے گھر صبح سے نکلے ایک آدمی کے ساتھ رات کو واپس آئی ہوتی۔ اور یہ سگند مجھے بچپن میں اس عمارت کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے بھی سونگھنے کو ملتی کہ جس کے سامنے گاڑیاں آڑھی ترچھی کھڑی ہوتیں، جس عمارت کے باہر وکیلوں، نجومیوں، اور دیگر کاروباروں کے سائن ٹیلی فون اور بجلی کے الجھتے تاروں کے درمیان لگے ہوتے، کہ جہاں زمینی منزل پہ خوشبو بیچنے والوں کی وہ دکانیں ہوتیں جو اپنی کیمیاگری کے نمونے رنگ برنگی، مختلف شکلوں والی شیشے کی بوتلوں میں بیچتے، کہ جہاں سیڑھیوں کے بیچ میں ایک پٹھان اپنا چائے خانہ چلاتا، کہ جب میں اور میرا بھائی عمارت کے باہر کھڑی اپنی ماں کے کہنے پہ باپ کو بلانے کے لیے تیسری منزل تک کی سیڑھیاں بھاگ کر چڑھتے تو نچلے مالے کی دکان سے اٹھنے والی خوشبوئیں، چائے خانے کی کیتلی میں اونٹتی چائے کی لپٹ کے ساتھ مل کر ایک مضبوط، اچھوتا تاثر قائم کرتیں۔ اور جب ہم دونوں بھائی ایک دوسرے کو دھکے دیتے، بھاگتے دوڑتے تیسری منزل کے اس دفتر تک پہنچتے جس کے باہر ابرار حسن اینڈ کمپنی کا بورڈ لگا ہوتا تو سگریٹ کے دھوئیں سے بھرے اس کمرے میں موٹی موٹی قانونی کتابوں کے درمیان سفید قمیض اور پتلون پہنے، جوتے اتار کر چپلیں چڑھائے بیٹھا ہمیں وہ آدمی ملتا جو ہماری زندگیوں میں مرکزی حیثیت رکھتا تھا۔
ہمارے ابا کا ایک احسان تو ہم پہ وہ ہے جو اکثر گھرانوں میں صاحب خانہ کا ہوتا ہے۔ کہ ہمارے خاندان کی معیشت ان کی محنت سے چلتی تھی۔ کہ انہوں نے کچھ نہ ہونے سے شروع کیا اور اپنی محنت و لیاقت سے بہت کچھ بنا لیا۔ انہوں نے اپنی ساری جوانی سخت محنت میں گزار دی۔ اور اسی قربان جوانی کے دم سے ہم بچے غربت کے ظالم دائرے سے ایک قدم باہر رہے اور اپنے مستقبل کے لیے آزادانہ فیصلے کر سکے۔
اور پھر ہمارے ابا کا ایک دوسرا بڑا احسان علم کی جستجو میں ہماری صحیح سمت متعین کرنے کے سلسلے میں ہے۔ ابا نے کبھی ہمیں یہ نصیحت نہ کی کہ ہم تعلیم میں کس شعبے کا انتخاب کریں مگر ہم نے انہیں ہمیشہ کتابوں کی پاکیزہ صحبت میں پایا۔ کہ ان کے سرہانے پڑی کتابوں کے سرورق پڑھ کر ہمیں برٹرینڈ رسل، ڈوسٹویوسکی، ٹالسٹائی، ڈیکارٹ اور دوسرے مشہور فلسفیوں اور مصنفین کے نام معلوم ہوئے۔ ہماری تربیت میں ہمارے ابا کا سب سے بڑا تحفہ یہی ہے کہ ان کو کتابیں پڑھتا دیکھتے ہمیں بہت پہلے یہ احساس ہو گیا کہ کتابوں کا ساتھ بہترین صحبت ہے۔ پھر مطالعے میں ان کی پسند کا مشاہدہ کرتے ہمیں یہ پیغام ملا کہ ہم معاش کی تلاش میں چاہے کوئی بھی شعبہ اختیار کریں مگر یہ نہ بھولیں کہ علم کی وہ معراج جو معاش سے بے تعلق ہے فلسفے اور اچھے ادب میں ملتی ہے۔ کہ چاہے ہم دوسروں کے بہی کھاتوں کو سدھار کر پیٹ پالیں یا کوڑا اٹھا کر اپنے لیے دو روٹی کا انتظام کریں، فرصت کی ایک گھڑی ملنے پہ فلسفے اور ادب کے مطالعے سے اپنے لیے ذہنی تفریح کا انتظام کریں اور اس مطالعے سے فکر کی بلندی کو پانے کی سعی کریں۔
اور علم کی تلاش میں اسی متعین سمت پہ مقدور بھر چلنے سے آج دل میں اعتماد ہے کہ اگر کبھی بازی اچانک پلٹ گئی، کہ کبھی ایسا برا وقت آیا کہ جب قدرت کے احسانات کے وہ بادل جو ہر وقت میرے سر پہ چھائے رہتے ہیں یکایک چھٹ جائیں گے، جب لطف و کرم کے سب دروازے کھڑاک کھڑاک کی آوازوں کے ساتھ مجھ پہ بند ہو جائیں گے، جب سب یار دوست آنکھیں پھیر لیں گے، جب مجھے دھتکار کر نکال دیا جائے گا، میں خاک بھر منہ کے ساتھ زمین پہ پڑا ہوں گا، اور مجھے میری حقارت کا بھرپور احساس دلایا جائے گا تو میرے دل میں عزت نفس اس مان سے باقی رہے گی کہ میں نے علم کی جستجو میں کچھ وقت لگایا ہے، وہ علم جس سے جنت کی راہ روشن ہے، وہ علم جسے میں نے اپنے باپ سے حاصل کی گئی تربیت کے طفیل حاصل کیا ہے۔
موچی بیل
بھلے ہوتے ہیں وہ لوگ جو اپنے ماحول کی آرائش کرتے ہیں۔ اپنے اطراف کو یوں دیدہ زیب اور خوشگوار بنانا کہ دوسرے لوگ اس ماحول کا حصہ بن کر خوش ہو جائیں، صدقہ جاریہ نہیں ہے تو کیا ہے؟ تو وہ ایسا ہی ایک دلکش منظر تھا۔سفیدے کا ایک ہرا بھرا خوب صورت درخت تھا کہ معلوم دیتا تھا کہ درخت کے رکھوالے نے بہت محنت سے درخت کی آب پاشی یوں کی ہے کہ پانی کی پھوار سے ایک ایک پتہ دھل گیا ہے۔ پھر اس درخت پہ نہایت سلیقے سے وہ بیل چڑھائی گئی تھی جو کراچی میں اکثر موچیوں کی دکانوں پہ نظر آتی ہے اور اسی مناسبت سے موچی بیل کہلاتی ہے۔ وہ بیل موچی کے ٹھیے کو ڈھانپ لیتی ہے اور اس میں کاسنی پھول لگتے ہیں۔ درخت کے سہارے چڑھائی جانے والی یہ بیل اب اوپر پہنچ کر شاخوں سے لپٹ گئی تھی اور اس پہ جھولتے کاسنی پھول بہت جاذب نظر تھے۔ تو وہ یہ منظر تھا: سفیدے کا سرسبز دھلا دھلایا توانا درخت، موچی بیل جو درخت کی شاخوں سے یوں لپٹ گئی تھی جیسے ننگی بانہوں پہ آستین چڑھا دی جائے اور پھر اس سبزے میں کھلتے خوش نما پھول۔ یہ منظر یوں بھی بھانے والا تھا مگر خاص طور سے جب جولائی میں مون سون کے بادل آئے ہوں، آپ زندگی سے خوش ہوں، اور تین دن میں آپ کی شادی آپ کی محبوبہ سے ہونے والی ہو تو منظر کی دل کشی میں کھو کر اپنے اطراف کو بھلا دینا بہت آسان تھا۔ تو بس یہی کیفیت تھی شاکر کی۔ سڑک سنسان تھی اس لیے شاکر موٹرسائیکل بے فکری سے چلا رہا تھا۔ اس کی ساری توجہ درخت پہ جھومتے موچی بیل کے کاسنی پھولوں کی طرف تھی۔ سڑک کی طرف شاکر کی توجہ اس وقت پلٹی جب دفعتاً اس کو احساس ہوا کہ اس کی موٹرسائیکل کسی چیز سے ٹکرانے والی تھی۔ اس نے موٹرسائیکل کو تیزی سے بائیں رخ پہ موڑا اور سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکراتے ٹکراتے بچا۔ اس عمل میں موٹرسائیکل گرپڑی اور شاکر اس کے ساتھ زمین پہ آ رہا۔ ٹھیک اسی وقت گاڑی والے نے بھی زوردار بریک لگایا۔ گاڑی رک گئی۔ گاڑی چلانے والا شخص چگی داڑھی والا ادھیڑ عمر آدمی تھا۔ شاکر کپڑے جھاڑتا ہوا اٹھا۔ گاڑی والے نے کھڑکی سے سر نکال کر شاکر کو ڈانٹا، "برخوردار، موٹرسائیکل چلاتے ہوئے سڑک پہ دھیان رکھنا سیکھو ورنہ جان دے بیٹھو گے کسی روز۔"
شاکر اس تنقید پہ غصے میں آگیا۔
"ابے چل یہاں سے۔ دفع ہو جا۔ بڑا آیا مجھے نصیحت کرنے،" شاکر اپنی غلطی تسلیم کرنے کے لیے تیار نہ تھا۔
گاڑی چلانے والا سمجھ گیا کہ اس کا سابقہ کسی بدتمیز نوجوان سے پڑا تھا۔
"اس کا مطلب یہ ہوا کہ کوتاہی صرف موٹرسائیکل چلانے کی تربیت میں نہیں ہے بلکہ اخلاقی تعلیم میں بھی ہے،" گاڑی چلانے والے نے بس اتنا کہا اور گاڑی آگے بڑھا دی۔ یہ واضح تھا کہ وہ شاکر سے الجھنا نہیں چاہتا تھا۔
"چل یہاں سے مادر ---" شاکر نے چیخ کر گاڑی والے کو گالی دی مگر اس وقت تک گاڑی آگے نکل چکی تھی۔ نہ جانے شاکر کی یہ گالی گاڑی والے کو سنائی دی یا نہیں۔
شاکر نے موٹرسائیکل زمین سے اٹھائی۔ ایک ہی کک میں موٹرسائیکل پھر چالو ہو گئی۔ شاکر گھر آگیا۔
شاکر گھر پہنچا تو ماں کو شاکر کے گرد آلود کپڑے نظر آ گئے۔
"کیا ہوا، شاکر، خیریت تو ہے نا؟" ماں نے گھبرا کر شاکر سے پوچھا۔ شادی کا گھر تھا،وہاں اور لوگ بھی موجود تھے۔ سب لوگ شاکر کے گرد جمع ہو گئے۔
"ہاں، اماں، خیریت ہے۔ بس موٹرسائیکل سے گر گیا تھا،" شاکر نے جواب دیا اور پھر مختصرا موٹرسائیکل سے گرنے والا واقعہ سب کو سنایا۔ شاکر کی چوٹیں معمولی تھیں۔ ماں اور دوسرے رشتہ داروں نے بچے کی خیریت پہ خدا کا شکر ادا کیا۔ پھر سب لوگ شادی کی تیاریوں میں لگ گئے اور بات آئی گئی ہو گئی۔
تین دن میں شاکر کی شادی رخسانہ سے ہونے والی تھی۔ شاکر کے والدین شروع میں "محبت" کی اس شادی کے خلاف رہے تھے مگر آخر میں انہوں نے لڑکے کی ضد کے آگے ہتھیار ڈال دیے تھے۔ شاکر اور رخسانہ ایک دوسرے سے ایک انگریزی سکھانے والے ادارے میں ملے تھے۔
پھر دیکھتے دیکھتے انتظار کے تین دن بھی گزر گئے۔ شادی کی بات طے ہونے سے پہلے شاکر اور رخسانہ فون پہ ایک دوسرے سے باتیں کرتے رہے تھے مگر جب سے بات پکی ہوئی تھی اور شادی کی تیاریوں نے زور پکڑا تھا، یہ بات چیت بند ہو گئی تھی۔ اور اب شادی کے روز شاکر بے انتہا خوش تھا کہ آج سب حجاب اٹھ جائیں گے اور رخسانہ سے خوب کھل کر ساری باتیں ہوں گی۔
شاکر کے باپ کی خواہش کے برخلاف بارات کو گھر سے نکلتے نکلتے کافی تاخیر ہو گئی۔ شاکر اپنے والد کی گاڑی میں پچھلی سیٹ پہ بیٹھا تھا۔ اس کے ایک طرف اس کے والد اور دوسری طرف والدہ تھیں۔ بارات میں آٹھ گاڑیاں تھیں اور سب سے پیچھے ایک وین چل رہی تھی۔ بارات شادی ہال پہنچی تو وہاں بارات کا استقبال کرنے والے پوری تیاری سے کھڑے تھے۔ شاکر گاڑی سے اترا تو دوسری گاڑی سے اتر کر اس کے ماموں اس کے پاس آ گئے۔ شاکر سہرا لگائے اپنے باپ اور ماموں کے ساتھ بارات کا استقبال کرنے والوں کی طرف بڑھنے لگا۔ ابھی یہ لوگ چند ہی قدم آگے بڑھے تھے کہ شاکر کو دلہن والوں کی طرف سے استقبال کرنے والے لوگوں میں رخسانہ کے والد کے ساتھ وہ آدمی کھڑا نظر آیا جس کی گاڑی سے تین دن پہلے شاکر کا حادثہ ہوتے ہوتے بچا تھا۔ شاکر کے پاؤں تلے زمین نکل گئی۔ اب تک جو قدم پراعتماد انداز سے آگے بڑھ رہے تھے، ٹھٹھک گئے۔ شاکر کو یوں محسوس ہوا کہ جیسے اس کی ٹانگوں سے جان نکال لی گئی ہو۔ شاکر کے ماموں نے لڑکے کا تردد محسوس کیا مگر اس بارے میں کوئی خاص خیال نہیں کیا۔
"چلو، شاکر بیٹا، چلو،" ماموں نے شاکر سے کہا اور شاکر مختلف اقسام کے خوف کو دل میں لیے آگے بڑھنے لگا۔ رخسانہ کے والد نے بڑھ کر شاکر سے ہاتھ ملایا اور شاکر کے گلے میں ہار ڈالا۔ پھر جب ان کے ساتھ کھڑے آدمی نے شاکر سے ہاتھ ملایا تو رخسانہ کے والد نے اس شخص کا تعارف شاکر سے کرا دیا۔
"شاکر بیٹا، یہ میرے وہی چھوٹے بھائی یوسف ہیں جن کا ذکر میں نے تم سے پہلے کیا تھا۔ یہ سعودی عرب میں رہتے ہیں۔ ابھی چند دن پہلے رخسانہ کی شادی میں شرکت کے لیے یہاں پہنچے ہیں۔"
اس آدمی نے شاکر سے ہاتھ ملانے کے بعد شاکر کے گلے میں ہار ڈالا اور پھر شاکر آگے بڑھ گیا۔
"کیا اس آدمی نے، جسے مجھے اب یوسف چچا کہنا پڑے گا، مجھے بالکل نہیں پہچانا؟" شاکر نے دل ہی دل میں سوچا۔
اور لوگوں سے ہاتھ ملانے اور ہار وصول کرنے کے بعد شاکر کو اسٹیج پہ بٹھا دیا گیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ شادی ہال بھرتا گیا۔ لوگ آ کر شاکر سے ملتے رہے اور شاکر بہت کوشش سے چہرے پہ مسکراہٹ سجائے سب سے باتیں بھی کرتا رہا مگر اس کے ذہن میں ایک طوفان برپا تھا۔
"کہیں ایسا تو نہیں کہ یوسف چچا نے میرا استقبال کرتے ہوئے مجھے نہیں پہچانا مگر اب پہچان لیا ہو؟ کہیں وہ کوئی فتنہ نہ کھڑا کر دیں؟" شاکر کے اندر ایک خوف نے سر ابھارا۔ اور پھر مختلف جذباتی مکالمات اس کے کانوں میں گونجنے لگے۔
"نہیں، میں اپنی بھتیجی کی شادی اس قدر بد اخلاق آدمی کے ساتھ نہیں کر سکتا۔ لے جاؤ اس بارات کو۔ دفع ہو جاؤ یہاں سے۔"
وقت گزرتا گیا اور بہت دیر تک یوسف چچا شاکر کو کہیں نظر نہ آئے۔ اطمینان کی ایک کیفیت شاکر پہ طاری ہوتی گئی۔ پھر نکاح کا وقت آگیا۔ شاکر کی خواہش تھی کہ کسی طرح جلد از جلد نکاح ہو جائے، اس سے پہلے کہ یوسف چچا بیچ میں کوئی رخنہ ڈالیں۔
"ایک بار نکاح ہو جائے تو پھر بیڑا پار ہے، پھر یہ یوسف چچا جو چاہیں باتیں بنائیں"، شاکر نے دل میں سوچا۔ اور ایسا ہی ہوا۔ نکاح بخیر و خوبی ہو گیا۔ اب شاکر اور بھی مطمئن ہو گیا۔ مگر پھر سب رشتہ داروں نے باری باری دولھا دلہن کے ساتھ تصاویر کھنچوائیں۔ یوسف چچا بھی اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ آئے۔ انہیں دیکھ کر شاکر کی مسکراہٹ غائب ہو گئی۔ مگر یوسف چچا شاکر کے گلے میں ہاتھ ڈال کر، مسکرا تے ہوئے تصویر کھنچوا کر روانہ ہو گئے۔
اب شاکر کے دل میں اور طرح کے خیالات آئے۔
"کیا یہ وہی آدمی ہے، یا کوئی اور ہے جو بالکل اس جیسا معلوم دیتا ہے؟
نہیں، یہ وہی آدمی ہے۔
کیا اس آدمی نے مجھے نہیں پہچانا؟
شاید میں آج شیروانی میں بہت مختلف نظر آ رہا ہوں اور اسی وجہ سے یہ آدمی مجھے پہچان نہیں پایا ہے۔ کہیں یوسف چچا کی یادداشت تو کمزور نہیں ہے کہ وہ تین دن پہلے کے واقعے کو بالکل بھلا بیٹھے ہیں؟
بہرحال بات کچھ بھی ہو، یہ اچھا ہے کہ اس آدمی سے میری کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔
اور اگر اس نے مجھ سے یہ پوچھ لیا کہ کیا میں موٹرسائیکل چلاتا ہوں، یا یہ کہ میں تین دن پہلے فلاں جگہ سے گزر رہا تھا تو میں کیا جواب دوں گا؟"
پھر کھانا لگ گیا۔ شاکر کی میز پہ کھانا لگانے کے لیے یوسف چچا دو لڑکوں کے ساتھ آئے۔ کھانا میز پہ چن دیا گیا تو دونوں لڑکے تو وہاں سے روانہ ہو گئے مگر یوسف چچا شاکر کے برابر میں ہی بیٹھ گئے۔
"کھانا کھاؤ، شاکر بیٹا،" یوسف چچا نے شاکر سے کہا۔ شاکر نے اپنی پلیٹ میں کھانا نکالا اور ایک لقمہ توڑ کر منہ میں رکھا۔ وہ دل ہی دل میں سوچ رہا تھا کہ،
"یہ کیا مصیبت ہے کہ یہ آدمی میرے برابر میں ہی بیٹھا ہے۔ کاش یہ یہاں سے اٹھ کر چلا جائے۔"
پھر اچانک یوسف چچا نے شاکر کے قریب آ کر شاکر سے بولنا شروع کیا۔
"شاکر میاں، آؤ ہم دونوں ایک دوسرے سے ایک وعدہ کریں۔"
یوسف چچا کی یہ بات سن کر شاکر کا منہ چلنا بند ہو گیا۔
"آؤ ہم دونوں ایک دوسرے سے یہ وعدہ کریں کہ پرسوں والے واقعے کو یوں بھول جائیں گے کہ جیسے وہ واقعہ کبھی ہوا ہی نہیں۔"
شاکر نے منمنا کر، "جی اچھا" کہا۔
اسے اپنے ماتھے پہ پسینے کی ایک لڑی ابھرتی محسوس ہوئی۔
آئی ایس او نو ہزار
بورڈ کی میٹنگ جاری تھی اور دو چپڑاسی مستقل اندر باہر ہو رہے تھے۔ وہ دونوں کمرے میں موجود لوگوں کو چائے اور ٹھنڈا پیش کرنے کے کام پہ معمور تھے۔ میٹنگ کا موضوع کارخانے کے لیے آئی ایس او نو ہزار کی سند کا حصول تھا۔ یہ اس سلسلے کی تیسری بڑی میٹنگ تھی۔ جب یہ سلسلہ چھ ماہ پہلے شروع ہوا تھا تو تمام بورڈ ممبران میں جلد ہی یہ اتفاق رائے ہو گیا تھا کہ آئی ایس او نو ہزار کی سند کمپنی کی ساکھ کے لیے بہت اہم تھی۔ تجارتی دنیا جس رخ پہ جا رہی تھی وہاں اس بات کی اہمیت تھی کہ بین الاقوامی کاروبار کرنے والی کمپنیاں معیار کی ضمانت کے لیے اپنے سے معاملہ کرنے والے اداروں سے اس قسم کی اسناد کا مطالبہ کریں۔اب اس تیسری میٹنگ میں آئی ایس او نو ہزار سند کے حصول کے لیے ہونے والی کوششوں پہ نظر ثانی ہو رہی تھی۔ مختلف شعبوں کے مدیر بورڈ ممبران کے سامنے اپنے اپنے شعبوں کی پیش رفت بیان کر رہے تھے۔ بورڈ کے منتظم اعلی اور دیگر عہدیداران کام کی رفتار سے مطمئن نظر آتے تھے۔ ان کی کمپنی جو کھاد بنانے کی کئی فیکٹریوں کی مالک تھی، صنعت و حرفت کے معاملات میں اعلی معیار رکھنے کی شہرت کی حامل تھی۔ باہر سے دیکھنے والوں کو کمپنی کے اندر ہر چیز قاعدے سے ہوتی نظر آتی تھی۔ اور اب کمپنی کو آئی ایس او نو ہزار کی صورت میں اپنے اسی قرینے کی سند حاصل کرنا تھی۔
اوپری منزل کے جس کانفرینس روم میں بورڈ کی یہ میٹنگ ہو رہی تھی اس سے قریباً چار سو گز کے فاصلے پہ ایک دوسری عمارت میں دو کارندے ویلڈنگ کے ایک کام کے لیے کمپنی کے باہر سے لائے گئے تھے۔ وہ دونوں کچھ سہمے ہوئے نظر آتے تھے۔ وہ اس لیے ڈرے ہوئے نہیں تھے کہ انہیں اپنے کام کی طرف سے کسی قسم کا خوف تھا۔ ان خطرات کے بارے میں تو وہ آگاہ ہی نہیں تھے۔ دراصل وہ دونوں کمپنی کے ماحول سے سہم گئے تھے۔ اس طرح کی جگہ پہ وہ پہلے کبھی نہ آئے تھے۔ جب کچھ دیر پہلے وہ کمپنی کے استقبالیہ پہ پہنچے تھے تو وہاں موجود لڑکی نے ان سے پوچھا تھا۔
"مے آئی ہیلپ یو؟"
ان دونوں کو یہ بات تو سمجھ میں آ گئی کہ ان سے کچھ انگریزی میں پوچھا گیا تھا مگر کیا پوچھا گیا تھا، وہ یہ نہ سمجھ پائے۔
ان میں سے ایک نے، جس کا نام محمد منیر تھا، بغیر کچھ کہے انگریزی بولنے والی لڑکی کی طرف وہ پرچہ پکڑا دیا جس پہ اردو میں "ممتاز حسین" لکھا تھا۔ لڑکی نے پرچہ منیر کے ہاتھ سے لے کر اسے غور سے پڑھا۔
"اچھا، آپ لوگ ممتاز حسین سے ملیں گے؟" لڑکی نے انگریزی لہجے میں اٹک اٹک کر اردو بولتے ہوئے پوچھا۔
ان دونوں نے اثبات میں سر ہلا دیے۔
محمد منیر اور اس کا ساتھی اکرام اللہ دراصل اپنے دوست احسان کے توسط سے یہاں آئے تھے۔ احسان چند ماہ سے اس کارخانے میں ملازم تھا۔ احسان کے سپروائزر ممتاز حسین نے احسان سے تذکرہ کیا تھا کہ اسے دو ویلڈروں کی فوری ضرورت تھی۔ احسان نے محمد منیر اور اکرام اللہ سے رابطہ کیا تھا۔ ان دونوں نے ویلڈنگ کا کام کچھ عرصے پہلے ہی سیکھا تھا۔ وہ فورا کام کے لیے تیار ہو گئے تھے۔ احسان نے ایک پرچے پہ اپنے سپروائزر ممتاز حسین کا نام لکھ دیا تھا، اور اب یہاں پہنچ کر محمد منیر نے وہی پرچہ استقبالیہ پہ بڑھا دیا تھا۔
لڑکی کے فون کرنے پہ کچھ ہی دیر میں ممتاز حسین وہاں آگیا۔ ممتاز حسین کی عمر تیس پینتیس برس رہی ہو گی۔ اس کی ابھرتی توند نے بش شرٹ کو کمر سے اس کے گرد تنگ کر دیا تھا۔ اس کی پتلون پہ کئی جگہ کالک کے دھبے لگے تھے۔ ممتاز حسین کی پوشاک میں سب سے معیاری چیز اس کے جوتے تھے جو اسے کمپنی کی طرف سے ملے تھے۔ ممتاز حسین نے استقبالیہ پہ موجود ایک رجسٹر میں منیر اور اکرام کے نام درج کیے اور ان کو دوسرے دروازے سے کمپنی کے اندر لے گیا۔ اندر جانے سے پہلے منیر اور اکرام نے ویلڈنگ کا ٹرانسفارمر اٹھا لیا تھا جسے استقبالیہ میں گھسنے سے پہلے وہ باہر چھوڑ آئے تھے۔ وہ تینوں ایک لمبی راہ داری سے گزرتے ہوئے عمارت کے دوسری طرف سے باہر آ گئے۔ اکرام اللہ اور محمد منیر اس کمپنی کی صاف ستھری دھلی دھلائی چمکیلی چیزوں سے متاثر تھے۔ پھر لمبی راہ داری سے گزرتے ہوئے انہیں چند ایسے لوگ ملے تھے جوآپس میں انگریزی میں باتیں کر رہے تھے۔ یہ ماحول انہیں خوف زدہ کر دینے کے لیے کافی تھا۔
ان دونوں کا خیال تھا کہ ان کی ملاقات احسان سے ہو جائے گی مگر ممتاز حسین انہیں سیدھا کام کی جگہ پہ لے گیا۔ وہ ایک ٹینک تھا جس کے اوپری حصے پہ ویلڈنگ کر کے ٹانکا لگانا تھا۔
"یہ کس چیز کا ٹینک ہے؟" منیر نے ممتاز حسین سے کام سمجھنے کے بعد جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوچھا۔
"اس ٹینک میں پہلے تو گیس تھی مگر پھر گیس لیک کرنے لگی اس لیے اس ٹینک کو خالی کر دیا گیا۔ اب یہ خالی ہے۔" ممتاز حسین نے انہیں بتایا۔
ان دونوں نے کبھی کسی ٹنکی کی ویلڈنگ تو نہیں کی تھی مگر انہیں یہ کام گرل اور کھڑکیوں کی ویلڈنگ سے بہت زیادہ مختلف دکھائی نہ دیا۔ ٹینک جس جگہ سے لیک کر رہا تھا وہ ایک لمبی لکیر میں صورت ٹنکی کے ایک جوڑ پہ صاف نظر آ رہی تھی۔ وہ سیڑھی سے ٹینک کے اوپر چڑھے تھے۔ انہوں نے ٹرانسافارمر بھی اوپر چڑھا لیا تھا اور اکرام نے ممتاز حسین سے پوچھ کر ٹرانسفارمر سے نکلنے والے تار کو بجلی سے جوڑ دیا تھا۔ منیر اور اکرام ٹنکی کے اوپر بیٹھ کرویلڈنگ کرنے لگے۔ ممتاز حسین نے کچھ دیر تو انہیں کام کرتے دیکھا تھا مگر پھر وہاں سے روانہ ہو گیا تھا۔ منیر اور اکرام ٹنکی کے ایک طرف سے شروع ہوئے اور ویلڈنگ کرتے ہوئے دوسری طرف پہنچ گئے۔ کام مکمل ہونے پہ منیر اور اکرام نے ٹنکی پہ کھڑے ہو کر کارخانے کا جائزہ لیا۔ انہیں دور سے ممتاز حسین اپنی طرف آتا دکھائی دیا۔
"ہو گیا کام؟" قریب آنے پہ ممتاز حسین نے ان سے پوچھا۔
"ہاں جی۔ آپ آ کر دیکھ لیں۔" منیر نے جواب دیا۔
ممتاز حسین سیڑھی کے ذریعے ٹنکی پہ چڑھا اور اس نے ٹانکے کا جائزہ لیا۔ ٹانکا اچھا لگا تھا مگر ممتاز حسین کی توقع کے خلاف یہ کام بہت پہلے ختم ہو گیا تھا۔
"ایسا کرو کہ اسی ٹانکے کے اوپر ایک اور ٹانکا لگا دو تاکہ جوڑ مضبوط ہو جائے،" ممتاز حسین نے ان سے کہا۔
"ٹانکے کے اوپر دوسرا ٹانکا تو نہیں لگایا جاتا،" منیر نے احتجاج کیا۔
"یہ دیکھو، یہاں۔" منیر نے ٹنکی پہ بیٹھ کر ٹانکے کے ابھار کی طرف اشارہ کیا،"ٹانکا اچھا ہے مگر یہ اور بھر جائے تو اور بھی مضبوط ہو جائے گا۔"
اس کام کے مد میں منیر اور اکرام کو پورے دن کا معاوضہ ملنا تھا اس لیے نہ چاہتے ہوئے بھی وہ دوسرا ٹانکا لگانے بیٹھ گئے۔ ممتاز حسین ایک بار پھر وہاں سے روانہ ہو گیا۔
اس وقت تک ٹینک میں بچ جانے والی گیس پوری طرح مبحوس ہو چکی تھی۔ ویلڈنگ جاری تھی اور ٹنکی میں بند گیس کو مستقل گرمائش پہنچائی جا رہی تھی۔ گرمی سے گیس پھیل رہی تھی اور ٹنکی سے باہر نکلنے کے لیے بے تاب تھی۔مگر باہر نکلنے کے تمام راستے بند ہو چکے تھے اور پھیلتی گیس کا غصہ بڑھتا جا رہا تھا۔
پھر ایک زوردار، کان پھاڑ دینے والا دھماکہ ہوا۔ دھماکہ اتنا طاقتور تھا کہ اس کی آواز بورڈ کی میٹنگ کے شرکا تک پہنچی۔
اپنے اوسان بحال ہونے پہ ممتاز حسین دھماکے کی جگہ کی طرف دوڑا۔ کارخانے کے دوسرے مزدور بھی اس طرف بڑھے۔ دھماکے کی جگہ پہنچنے پہ ان لوگوں کو پورا معاملہ سمجھنے میں زیادہ دیر نہ لگی۔ ویلڈنگ کیے جانے والے ٹینک اور اس کے ساتھ دونوں ویلڈروں کے پرخچے اڑ چکے تھے۔ ٹینک کے تین اطراف موجود دیواروں میں بھی دراڑیں پڑ گئیں تھیں۔ ٹنکی کے ٹکڑے دیواروں اور چھت سے ٹکرا کر پورے میں بکھر گئے تھے۔ اسی ملبے کے ساتھ ہی اکرام اللہ اور محمد منیر کے جسموں کے مختلف اعضا بھی پورے میں پھیلے ہوئے تھے۔
ذرا سی دیر میں حادثے اور دو ہلاکتوں کی خبر بورڈ ممبران تک پہنچ گئی۔ اس وقت تک میٹنگ کی کاروائی مکمل نہیں ہوئی تھی۔اس ہنگامی صورت حال کو دیکھتے ہوئے منتظم اعلی نے میٹنگ میں دو گھنٹے کے وقفے کا اعلان کیا۔ طے پایا کہ دو گھنٹے بعد وہ سب لوگ پھر اسی کمرے میں جمع ہوں گے۔
میٹنگ سے نکل کر تمام شرکا حادثے کی جگہ پہ پہنچے۔ وہ روح فرسا منظر تھا۔حادثے والے شعبے کے مدیر نے جلدی جلدی انتظامات کیے کہ ہلاک ہو جانے والوں کے اعضا کو کس طرح جمع کیا جائے گا، گوشت کے ٹکڑوں اور خون کو کس طرح دیواروں اور چھت سے کھرونچا جائے گا۔ اور یہ "لاشیں" کس طرح ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔
اور اسی بھاگ دوڑ میں دو گھنٹے گزر گئے۔ بورڈ کی میٹنگ پھر شروع ہوئی۔
صبح کے اجلاس کے مقابلے میں اب شرکا کے منہ لٹکے ہوئے تھے۔
"میرا خیال ہے کہ سب سے پہلے تو ہمیں متاثرین کی مالی مدد کا اعلان کرنا چاہیے۔"
منتظم اعلی نے شرکا کی طرف ایک نظر دوڑاتے ہوئے انگریزی میں کہا۔ سب لوگوں نے تائید میں اپنے سر ہلائے۔
"ہلاک ہونے والے دونوں لوگوں کے خاندانوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دیے جائیں گے۔" منتظم اعلی نے رقم کا اعلان کیا۔
"سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ حادثہ ہوا کیوں؟" ایک نوجوان شریک نے منتظم اعلی کی طرف دیکھ کر پوچھا۔
"ظاہر ہے کہ اس بارے میں تحقیقات کی ضرورت ہے۔" کارخانے کے جس شعبے میں حادثہ ہوا تھا اس کے مدیر نے نوجوان کی طرف دیکھتے ہوئے جواب دیا۔
"ہاں وہ تحقیقات تو ہوں گی ہی مگر اب اس حادثے کی وجہ سے ہماری کمپنی کو آئی ایس او نو ہزار کی سند ملنے میں مشکل ہو گی،" نوجوان شریک نے اپنا خیال پیش کیا۔
نوجوان کی اس بات پہ میٹنگ کے تمام شرکا سوچ میں پڑ گئے۔
"آپ کی یہ بات درست ہے، عرفان۔ اور اسی وجہ سے ہمیں آج اس میٹنگ میں چند اہم فیصلے کرنے ہیں،" منتظم اعلی نے کچھ سوچ کر جواب دیا۔
"ہمیں یہ سوچنا ہے کہ ہماری کمپنی اور ہمارے ملک کا بلند تر مفاد کس چیز میں ہے؟ کیا ہماری قوم کا بلند تر مفاد اس بات میں پوشیدہ ہے کہ اس حادثے کو خوب اچھالا جائے اور پورے میں اس کا شور ہو یا ہمیں خاموشی سے اس حادثے سے سبق حاصل کر کے آگے بڑھ جانا ہے۔
اگر اس حادثے کا شور ہوتا ہے اور اس وجہ سے ہماری کمپنی آئی ایس او نو ہزار کمپنی نہیں بن سکتی تو اس میں کس کا نقصان ہے؟ نقصان یقیناً کمپنی کے لیے کام کرنے والے لوگوں کا ہے کیونکہ وہ ٹھیکے جو کمپنی کو آئی ایس او نو ہزار ہونے کی صورت میں ملتے وہ ہمیں نہیں ملیں گے۔ ہمارا کاروبار نہیں بڑھے گا۔ اور کاروبار نہ بڑھنے کا نقصان صرف کمپنی کے عملے کو نہیں ہو گا بلکہ اس کے اثرات پوری معیشت پہ نمودار ہوں گے۔ گویا اس حادثے کو اچھالنے میں پوری قوم کا نقصان ہے۔ چنانچہ عقل مندی کا تقاضہ یہی ہے کہ اس بات کو دبا دیا جائے۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ہم اس واقعے سے سبق حاصل نہ کریں۔ ہم اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرائیں اور ایسے ضوابط تشکیل دیں جن سے یقین دہانی ہو کہ آئندہ اس قسم کا کوئی واقعہ نہ ہو گا مگر اس کے ساتھ اس واقعے کو اخبارات کی زینت نہ بننے دیں۔ اس حادثے کو اپنے لیے جگ ہنسائی کا سامان نہ بنا لیں۔ اسی حکمت عملی میں ہماری کمپنی اور ہمارے ملک کی آن بان ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ آپ سب لوگ میری اس منطقی بات سے اتفاق کریں گے۔" اپنی تقریر ختم کرنے کے بعد منتظم اعلی نے ایک ایک شریک کی طرف دیکھ کر اس کا ذہن ٹٹولنے کی کوشش کی۔ زیادہ تر لوگ اپنے سامنے موجود کاغذوں پہ کچھ لکھ رہے تھے۔ جن لوگوں سے منتظم اعلی کی نظریں چار ہوئیں انہوں نے سر ہلا کر منتظم اعلی کی بات کی تائید کی۔
پیٹر
پریس کانفرینس ہنگامی طور پہ بلائی گئی تھی۔ اس پریس کانفرینس میں موجود تمام صحافیوں کو علم تھا کہ امریکی سفارت خانے کی اہلکار ٹریسا سدر لینڈ اپنے اغوا کنندگان کے چنگل سے آزاد ہو کر واپس سفارت خانے کے محفوظ ماحول میں پہنچ چکی تھی۔ مگر یہ خبر رکھنے کے باوجود سب ہی یہ جاننے کی جستجو رکھتے تھے کہ ٹریسا نے یہ کمال کیسے کر دکھایا تھا۔ پریس کانفرینس سفارت خانے کے اندر ایک کمرے میں ہو رہی تھی۔
مقررہ وقت پہ ٹریسا سدرلینڈ ایک اور آدمی کے ساتھ پریس کانفرینس کے کمرے میں داخل ہوئی۔ اس آدمی کے سر کے بال الجھے ہوئے تھے اور اس کی داڑھی بغیر کسی تراش خراش کی تھی۔ اس نے شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی۔ ٹریسا کی شکل دیکھتے ہی کمرے میں خاموشی چھا گئی۔ ٹریسا کی صورت جانی پہچانی تھی۔ کچھ دن پہلے ہی اس کے اغوا ہونے کی خبر مع اس کی تصویر کے دنیا بھر کے اخبارات اور ٹی وی کی زینت بنی تھی۔ ٹریسا چلتی ہوئی کمرے کے آگے پہنچی اور وہاں پڑی میز کے پیچھے موجود کرسی پہ بیٹھ گئی۔ کمرے میں ٹریسا کے ساتھ داخل ہونے والا آدمی بھی ٹریسا کے برابر میں بیٹھ گیا۔
ٹریسا نے اطمینان سے میز پہ پڑی پانی کی ایک چھوٹی بوتل سے گلاس میں پانی انڈیلا، اور پانی کا ایک گھونٹ پینے کے بعد بولنا شروع کیا۔
"آپ سب لوگوں کی آمد کا بہت شکریہ۔ میں ٹریسا سدرلینڈ ہوں۔ وہی ٹریسا جسے طالبان نے تقریباً تین روز پہلے اغوا کیا تھا۔ میں آج آپ کے سامنے اس آدمی کی وجہ سے موجود ہوں۔" ٹریسا نے برابر بیٹھے آدمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا،"آپ شاید اس کو پہچاننے میں کچھ دشواری محسوس کر رہے ہوں۔ یہ پیٹر ہے۔"
کمرے میں بیٹھے صحافیوں میں سے ایک آدھ نے پہلو بدلا۔ انہیں آدمی کا نام اور چہرہ کچھ مانوس لگا تھا۔
ٹریسا بولتی رہی۔
"اور دراصل میری رہائی کی کہانی پیٹر کی بہت لمبی کہانی کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ اس لیے میں چاہوں گی کہ پیٹر آپ کو یہ پوری کہانی سنائے۔ پیٹر۔"
ٹریسا کی دعوت پہ پیٹر نے اپنی کرسی تھوڑی سی آگے بڑھائی۔ وہ بولنا شروع ہوا۔
"میں پیٹر ہوں۔ پیٹر اسٹینزیک۔ پولینڈ کا وہ انجینئیر جو دو سال پہلے اغوا ہوا تھا۔"
داڑھی والے آدمی کا یہ آخری جملہ سن کر کمرے میں بیٹھے بیشتر لوگوں کی چیخیں نکل گئیں۔
"ہاں مجھے پتہ ہے کہ تم لوگوں کا میرے بارے میں یہ خیال ہے کہ طالبان نے دو سال پہلے میرا سر قلم کر دیا تھا۔ لیکن تم دیکھ سکتے ہو کہ میں اب تک زندہ ہوں اور تمھارے سامنے موجود ہوں۔"
اتنی بات کر کے پیٹر کی آواز رندھ گئی۔ اس نے بھی اپنے سامنے پڑی بوتل سے پانی پیا۔ کمرے میں موجود تمام لوگ دم بخود پیٹر کو پانی پیتا دیکھ رہے تھے۔ وہ پیٹر کی داستان سننے کے لیے بے چین تھے۔
"میں تم لوگوں کو بتانا چاہوں گا کہ میں کس طرح موت کے چنگل سے بچ کر نکلا ہوں۔ لیکن یہ کہانی سنانے سے پہلے میں کچھ اپنے بارے میں بتا دوں تاکہ تم لوگوں کو میرے پس منظر کا اندازہ رہے۔
میں پولینڈ کے شہر کراکاؤ کا رہنے والا ہوں۔ میں نے وارشاوا سے ارضیات میں تعلیم حاصل کی تھی اور پھر کراکاؤ کی ایک کمپنی میں کام کرنے لگا۔ مجھے ہمیشہ سے دنیا دیکھنے کا شوق تھا۔ چنانچہ جب ہماری کمپنی کو پاکستان میں کام کرنے کا ٹھیکہ ملا تو میں نے افسران بالا کو اپنی خدمات پیش کر دیں۔ مجھے معلوم تھا کہ کام کرنے کے لیے پاکستان ایک خطرناک ملک ہے مگر پاکستانی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ہماری حفاظت کا موثر انتظام کیا جائے گا۔ میں ترقی پذیر دنیا کو قریب سے دیکھنے کی خواہش میں پاکستان پہنچا تھا۔ اور یہاں پہنچ کر مجھے واقعی بہت خوشی ہوئی تھی۔ میرے ٹھہرنے کا بہت اعلی انتظام تھا اور میری خدمت کے لیے ملازمین کی ایک فوج ظفر موج حاضر رہتی تھی۔ پولینڈ میں رہتے ہوئے میں نے کبھی ایسی شاہانہ زندگی کا خیال بھی نہیں کیا تھا۔ دراصل پاکستان آنے سے پہلے میں کسی ایسے ملک نہیں گیا تھا جو کبھی یورپی نو آبادی رہا ہو اور جہاں گورے آدمی کو محض اس کے رنگ کی وجہ سے عزت دی جاتی ہو۔ غرض کہ میں پاکستان آنے پہ بہت خوش تھا۔
میرا کام تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کرنا تھا۔ میں اس سلسلے میں اپنے عملے کے ساتھ سفر کرتا تھا۔ ہم شہر سے باہر نکلتے تو میرے ساتھ چار لوگ ہوتے، میرا ماتحت ، وین کا ڈرائیور،اور دو بندوق بردار محافظ۔۔ پاکستان پہنچنے کے بعد شروع میں تو شہر سے باہر نکلتے ہوئے مجھے بہت ڈر لگا مگر جب ایسا بارہا ہوا کہ ہم پانچوں پورا دن چٹیل پہاڑوں میں گزارنے کے بعد بحفاظت واپس آ گئے تو میری خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا گیا۔ پھر میں نے مقامی کپڑے پہننا شروع کر دیے اور اردو اور پشتو کے چند الفاظ بھی سیکھ لیے۔ اور یوں پاکستان پہ میرا اعتماد بڑھتا گیا۔ دیکھتے دیکھتے دو ماہ گزر گئے۔ پاکستان میں خیریت سے دو ماہ گزارنے پہ مجھے خیال ہوا کہ پاکستان کے امن عامہ کی خراب شہرت دراصل غیر ملکی خبر رساں اداروں کا ایک جھوٹ تھی۔ میں اپنے آپ کو سمجھانے لگا کہ تیل اور گیس کی تلاش میں پولینڈ سے آئے ہوئے ایک انجینئیر کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان میں یقیناً غیر ملکی افراد مارے جاتے ہیں یا اغوا ہوتے ہیں، مگر شاذ و نادر، اور شاید قتل اور اغوا ہونے والے افراد کا کوئی نہ کوئی تعلق طالبان سے ہونے والی جنگ سے ہوتا ہے۔ میرا جنگ سے کیا لینا دینا، اس لیے مجھے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ بس میں نے اسی قسم کی خود کلامی سے اپنے آپ کو بہلا لیا۔
وقت گزرتا گیا اور پھر میری تقدیر کا سب سے برا دن آگیا۔ یہ ستمبر کے آخر کی بات ہے۔ ہم اٹک کے قریب جس جگہ کام کر رہے تھے اس کا اسلام آباد سے اتنا فاصلہ تھا کہ اسلام آباد سے روز وہاں جانے کے بجائے ہم نے اس مقام پہ ایک کیمپ لگانا زیادہ بہتر خیال کیا۔ کیمپ کی حفاظت کا اچھا انتظام تھا۔ میرے ساتھ چلنے والے چار لوگوں کے علاوہ کیمپ کی روز و شب حفاظت کے لیے چھ لوگ معمور تھے۔
وہ ستمبر اٹھائیس کا دن تھا اور اتوار کا روز تھا۔گویا ہم سب چھٹی پہ تھے۔ پاکستان میں کام کرتے ہوئے میرے لیے ہر روز ہی چھٹی کا دن تھا کیونکہ کام میں کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں تھا اور میں جس شخص کو رپورٹ کرتا تھا وہ پولینڈ میں تھا۔ اتوار کی اس صبح کیمپ میں ناشتہ کرنے کے بعد میں نے اپنے ڈرائیور سے کہا کہ میں سامنے والے پہاڑوں کا معائنہ کرنا چاہتا تھا۔ میرے ساتھ چلنے والے چاروں لوگ ذرا سی دیر میں تیار ہو گئے۔ بندوق بردار پیچھے بیٹھے تھے۔ ڈرائیور اور میرا ماتحت آگے والی سیٹوں پہ تھے اور میں بیچ کی سیٹ پہ آرام سے بیٹھا تھا۔ ہم کیمپ کے سامنے موجود پہاڑوں کی طرف چلے جا رہے تھے۔ ایک دن پہلے بھی ہم ان پہاڑوں پہ جا چکے تھے مگر آج میں ایک دوسری جگہ کا معائنہ کرنا چاہتا تھا۔ ہمیں چلتے ہوئے آدھا گھنٹہ ہوا تھا کہ راستے میں ایک ندی پڑی۔ میں نے گاڑی کو وہاں روکنے کی فرمائش کی۔ گاڑی رک گئی۔ ہم سب گاڑی سے اتر گئے۔ میں ندی تک پہنچا اور وہاں موجود ایک بڑے پتھر پہ بیٹھ گیا۔ میں نے اپنے ماتحت سے کہا وہ باقی تین افراد کو بتا دے کہ مجھے آگے جانے کی کوئی جلدی نہیں تھی اور میں وہاں ندی پہ کچھ وقت گزارنا چاہتا تھا۔ وہ ایک گرم دن تھا اور میرا دل تھا کہ میں کپڑے اتار کر پانی میں چھلانگ لگا دوں۔ مگر ایسی صورت میں آپ نہانے کا کیا مزا لوٹ سکتے ہیں جب چار لوگ آپ کی حرکات و سکنات کا بغور جائزہ لے رہے ہوں۔ میرا عملہ کچھ دیر میری طرف غور سے دیکھتا رہا مگر جب انہیں احساس ہوا کہ مجھے وہاں سے روانہ ہونے کی کوئی جلدی نہیں تھی اور میں محض اس ماحول سے لطف اندوز ہو رہا تھا تو وہ لوگ بھی اپنے اپنے کاموں میں لگ گئے۔ میرا ماتحت تھوڑا آگے جا کر ندی کے کنارے پڑے ایک اور پتھر پہ بیٹھ گیا۔ جب کہ ڈرائیور اور دونوں محافظ گاڑی میں بیٹھ کر گانے سننے لگے اور نسوار کھانے لگے۔
میں آرام سے پانی میں پاؤں ڈالا بیٹھا تھا اور سوچ رہا تھا کہ یہ پہاڑ، یہ ندی، ایسا جغرافیہ اس دنیا میں جا بجا بکھرا ہوا ہے پھر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ کہیں تو لوگ اس جغرافیے کو جنت بنا لیتے ہیں اور کہیں لوگ اسی جغرافیے کے ساتھ بہت پرآلام زندگی گزارتے ہیں۔
میری سوچ بس یہیں تک پہنچی تھی کہ مجھے کسی گاڑی کی آواز آئی اور اس سے پہلے کہ میں پلٹ کر دیکھوں کہ وہ گاڑی کہاں سے آ رہی تھی، زوردار فائرنگ شروع ہو گئی۔ میں نے جلدی سے چھلانگ لگا کر اس بڑے پتھر کی آڑ لے لی جس کے اوپر میں اب تک بیٹھا تھا۔ فائرنگ کافی دیر تک جاری رہی۔ میری ہمت نہ تھی کہ میں پتھر سے باہر سر نکال کر دیکھتا کہ کون کس پہ فائرنگ کر رہا تھا۔ پھر خاموشی چھا گئی۔ میں وہیں دبکا بیٹھا رہا۔ کچھ دیر بعد آواز سے مجھے اندازہ ہوا کہ ایک گاڑی میرے چھپنے کے مقام کے بالکل قریب پہنچ گئی تھی۔ پھر قدموں کی چاپ میری طرف بڑھتی معلوم دی۔
'کھڑے ہو جاؤ۔' کسی نے مجھ سے انگریزی میں کہا۔ میں نے سر اٹھا کر دیکھا تو ایک داڑھی والے کلاشنکوف بردار آدمی کو بالکل اپنے سر پہ پایا۔ میں کھڑا ہو گیا۔ جس آدمی نے مجھے کھڑے ہونے کو کہا تھا اس سے دو قدم پیچھے ایک اور شخص میری طرف پستول تانے کھڑا تھا۔
'ہاتھ اوپر کرو۔'
مجھے پھر حکم دیا گیا۔ میں نے جلدی سے دونوں ہاتھ اوپر اٹھا لیے۔ پستول بردار شخص اپنی جگہ کھڑا رہا جب کہ کلاشنکوف تھامنے والے آدمی نے آگے بڑھ کر میری تلاشی لی۔ میرے بٹوے میں پاکستانی روپوں کے علاوہ چند غیر اہم کاغذات تھے۔ جب کہ میرا پاسپورٹ میرے ہوٹل کے کمرے میں تھا۔ میرا بٹوہ اپنے قابو میں کرنے کے بعد کلاشنکوف بردار شخص نے پشتو میں پستول والے آدمی سے کچھ کہا۔ پستول تانے شخص نے اپنی جیب سے ایک کالی پٹی نکال کر کلاشنکوف والے آدمی کو تھما دی۔ پھر میری آنکھوں پہ وہ پٹی باندھ دی گئی۔ مگر میں اس درمیان میں یہ دیکھ چکا تھا کہ ندی کے کنارے میرا ماتحت ساکت، خون آلود حالت میں پڑا تھا۔ ہماری گاڑی کے شیشے فائرنگ سے ٹوٹ گئے تھے اور دور سے دیکھنے پہ اندر موجود تینوں افراد بھی مردہ حالت میں نظر آتے تھے۔
میری آنکھوں پہ پٹی باندھنے کے بعد مجھے بازو سے پکڑ کر ایک گاڑی میں بٹھایا گیا۔ پھر میری گردن کو پیچھے سے پکڑ کر مجھے زور سے دھکا دیا گیا اور مجھے سر جھکانے کو کہا گیا۔ میں نے وہیں بیٹھے بیٹھے سر نیچا کیا تو میرے اوپر ایک چادر ڈال دی گئی۔ گاڑی چلنا شروع ہوئی۔ شروع میں تو راستہ ہموار تھا مگر پھر لگا کہ جیسے گاڑی کسے اونچے نیچے راستے پہ آ گئی ہو۔ میں بہت خوفزدہ تھا۔ مجھے بالکل معلوم نہ تھا کہ میرے اغوا کنندگان کون تھے اور مجھ سے کیا چاہتے تھے۔ قریباً آدھ گھنٹہ چلنے کے بعد گاڑی رک گئی۔ مجھے گاڑی سے نکالا گیا اور ایک گھر میں لے جایا گیا۔ مجھے ایک کمرے میں پہنچانے کے بعد رخصت ہوتی آوازوں سے لگا کہ مجھے اغوا کرنے والے کمرہ بند کر کے وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔ میں نے ہمت کر کے پوچھا کہ وہ مجھ سے کیا چاہتے تھے۔
'انتظار کرو۔' ایک آدمی نے مجھ سے انگریزی میں کہا اور پھر کمرے کو باہر سے تالا جڑ دیا گیا۔ وہ لوگ جا چکے تھے۔ میرے ہاتھ آزاد تھے اور میں اپنی آنکھوں سے پٹی اتار سکتا تھا۔ مگر مجھے خوف تھا کہ اگر میں نے پٹی اتاری تو بعد میں میرے اغوا کنندگان میرے اس عمل پہ ناراض ہو کر کہیں مجھ پہ تشدد نہ کریں۔ میں نے ایک طرف سے پٹی کو اٹھا کر کمرے کا جائزہ لینے کی کوشش کی۔ کمرہ اندھیرا میں ڈوبا ہوا تھا اور اگر میں پٹی اتار بھی دیتا تو شاید مجھے کچھ نظر نہ آتا۔
گھنٹے بھر بعد کمرے کا دروازہ کھلا۔ ایک آدمی نے آگے بڑھ کر میری آنکھوں سے پٹی اتار دی۔ میرے سامنے چار لوگ کھڑے تھے۔ تین اسلحہ بردار تھے جب کہ چوتھا جو بالکل بیچ میں کھڑا تھا غیر مسلح تھا۔ یہ غیر مسلح شخص کوئی اہم آدمی معلوم دیتا تھا کیونکہ باقی تین افراد تکریم سے اس سے کچھ فاصلے پہ کھڑے تھے۔ غیر مسلح شخص میرے سامنے بیٹھ گیا۔
'تم پیٹر اسٹینزیک ہو نا؟' اس نے مجھ سے رواں انگریزی میں پوچھا۔
میں نے اثبات میں جواب دیا۔
'پیٹر، ہم طالبان کی تم سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ بلکہ میں ذاتی طور پہ تم سے اس اغوا کے سلسلے میں معافی مانگنا چاہوں گا۔ ہم نے تمھیں اس لیے اغوا کیا ہے کیونکہ پاکستانی فوج نے ہمارے بہت سے بے گناہ ساتھوں کو پکڑ لیا ہے۔ ہم تمھاری رہائی کے بدلے اپنے وہ ساتھی پاکستانی حکومت کی حراست سے نکلوانا چاہتے ہیں۔ تم بے فکر رہو۔ ہم تمھیں چھوڑ دیں گے۔ بس حکومت پاکستان ہمارے مطالبات مان کر ہمارے ساتھیوں کو آزاد کر دے۔' اس آدمی نے وضاحت سے سمجھایا۔
'لیکن اگر ان لوگوں نے تمھارے مطالبات نہ مانے تو؟' میں نے برملا پوچھا۔
'نہیں، ایسا نہیں ہو گا۔ تم ایک قیمتی آدمی ہو اور ہم جن لوگوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ کوئی جرائم پیشہ لوگ نہیں ہیں بلکہ معصوم ہیں۔ اور حکومت کو بھی ان کی معصومیت کا اندازہ ہے۔
آؤ، میرے ساتھ آؤ۔ اب ہم تمھاری ایک ویڈیو بنائیں گے۔'
یہ کہہ کر اس آدمی نے مجھے بازو سے پکڑ کر اٹھنے میں میری مدد کی۔ میں اپنے پاؤں پہ کھڑا ہو گیا۔ ہم کمرے سے باہر نکلے تو مجھے اپنے اطراف کا کچھ اندازہ ہوا۔ وہ کسی دیہات میں واقع ایک بڑا گھر معلوم ہوتا تھا۔ گھر کے اطراف پتھروں کی چہار دیواری تھی۔ ویڈیو بنانے کا انتظام پہلے سے موجود تھا۔ مجھے ایک چارپائی پہ بیٹھنے کو کہا گیا جو دیوار کے ساتھ لگی تھی۔ دیوار پہ ایک بینر تھا جس پہ اردو میں کچھ لکھا تھا۔ میرے چارپائی پہ بیٹھنے پہ دو نقاب پوش آدمی میرے پیچھے آکر کھڑے ہو گئے۔ ان کے ہاتھوں میں خودکار اسلحہ تھا۔ مجھے جلدی جلدی ہدایات دیں گئیں کہ مجھے ویڈیو میں اپنی حکومت سے التجا کرنی تھی کہ وہ میری رہائی کے لیے اغوا کنندگان کے مطالبات مان لے۔
پھر ویڈیو بنانے کا کام شروع ہوا۔ کیمرے کے ساتھ کھڑے آدمی نے مجھ سے جو سوالات پوچھے میں نے ان کے مختصر جوابات دیے۔ میں نے وہی کچھ کہہ دیا جو کہنے کی ہدایات مجھے دی گئیں تھیں۔ ویڈیو بننے کے بعد مجھے واپس اس اندھیرے کمرے میں پہنچا دیا گیا جہاں سے نکال کر مجھے ویڈیو بنانے کے لیے لایا گیا تھا۔ اب کی بار فورا ہی میرے لیے کھانا آ گیا۔ میں نے وہ کھانا زہر مار کیا۔
بس پھر اسی طرح دن گزرتے گئے۔ مجھے کھانا پینا وقت پہ ملتا تھا۔ پہننے کے لیے اضافی کپڑے بھی دیے گئے۔ مجھے میری ضروریات کے لیے کمرے سے نکالا جاتا اور ہر دوسرے دن مجھے نہانے کا موقع بھی دیا جاتا۔
غالباً چھ روز بعد ایک دن مجھے غیر متوقع وقت پہ کمرے سے نکالا گیا۔ مجھے بتایا گیا کہ انہیں میری جگہ تبدیل کرنا تھی۔ میری آنکھوں پہ پٹی باندھ کر مجھے ایک گاڑی میں بٹھایا گیا اور دو گھنٹے کی مسافت کے بعد ایک نئی جگہ پہ پہنچا دیا گیا۔ اس نئی جگہ پہ بھی کئی دن گزر گئے۔ میری حفاظت پہ معمور لوگوں میں سے کوئی بھی انگریزی نہیں بولتا تھا۔ تازہ اور تفصیلی معلومات کے لیے مجھے اس شخص کا انتظار کرنا پڑتا تھا جسے سب لوگ شیخ کہہ کر پکارتے تھے۔ شیخ ہی نے مجھے بتایا کہ میری ویڈیو دنیا بھر کے ٹی وی اسٹیشنوں پہ چل رہی تھی۔ شیخ کے بیان کے مطابق میری رہائی کے لیے حکومت پاکستان اور حکومت پولینڈ سے طالبان کے مذاکرات جاری تھے۔ ساٹھ افراد کی ایک فہرست حکومت پاکستان کو فراہم کر دی گئی تھی کہ جیسے ہی ان افراد کو چھوڑا گیا، مجھے بھی رہا کر دیا جائے گا۔
وقت گزرتا گیا اور اپنے محافظوں سے بات چیت کی کوشش میں میری پشتو بہتر ہوتی گئی۔ ان لوگوں کا مجھ پہ اعتماد بڑھتا گیا اور اب مجھے ہر وقت قید میں نہ رکھا جاتا۔ پھر ایک دن میں نے ایک عجیب کام کیا۔ میرے محافظ نماز پڑھ رہے تھے تو میں بھی ان کے پیچھے نماز پڑھنے کھڑا ہو گیا۔ ایک آدمی جو میری حفاظت کی نظر سے پیچھے موجود تھا اور نماز نہیں پڑھ رہا تھا میری حرکات کو غور سے دیکھتا رہا۔ نماز ختم ہونے کے بعد وہ دیر تک پشتو میں تیز تیز باتیں کرتے رہے۔ جو کچھے مجھے سمجھ میں آیا اس کے حساب سے وہ لوگ میرے نماز پڑھنے پہ بہت خوش ہوئے تھے۔ پھر میں نے یہ معمول بنا لیا کہ میرے محافظ نماز پڑھنے کے لیے کھڑے ہوتے تو میں بھی ان کے پیچھے کھڑا ہو جاتا اور وہی کچھ کرتا جو وہ کرتے۔ ایک دن ان میں سے ایک نے مجھ سے پوچھا بھی کہ میں ایسا کیوں کرتا ہوں۔ میں نے جواب دیا کہ مجھے نماز پڑھنے میں بہت مزا آتا ہے۔ وہ میرے جواب سے بہت خوش ہوا اور اس نے اس بات کا تذکرہ دوسرے لوگوں سے بھی کیا۔
پریس کانفرینس کے کمرے میں موجود تمام صحافی دم بخود پیٹر کی داستان سن رہے تھے۔ پیٹر بولتا رہا اور یہ مبہوت سنتے رہے۔ کہ پیٹر کا سورہ فاتحہ یاد کرنا اور ایک دن ایک محافظ کے ہاتھوں مسلمان ہو جانا۔ اور پیٹر کا نیا نام ابوالاسلام رکھا جانا۔ اور پھر شیخ کا اس پیش رفت پہ برہم ہونا۔ اور شیخ کا خیال ہونا کہ پیٹر ڈھونگ رچا رہا تھا۔ مگر پیٹر کا ثابت قدمی سے اپنے عمل پہ ڈٹے رہنا۔ اور پھر ایک دن پیٹر کی ایک عجیب ویڈیو بنائی جانا کہ جس میں پیٹر کے سامنے ایک تیز چھری کا لہرایا جانا۔ اور پیٹر کا خوفزدہ ہونا کہ شاید اس کی گردن کاٹنے کا انتظام ہو رہا تھا۔ مگر یہاں تک کی ویڈیو ریکارڈنگ کے بعد کیمرے کا بند ہو جانا۔ اور پھر پیٹر کی زندگی کا اسی طرح اپنے اغوا کنندگان کے ساتھ ان کے رنگ ڈھنگ میں ڈوبے گزارنا۔ اور پھر طالبان کا ابوالاسلام پہ اس قدر اعتماد کرنا کہ ابوالاسلام کے ہاتھ میں ہتھیار دینا اور اسے اپنی جنگی مہمات میں شامل کرنا۔ اور پھر ایک دن طالبان کا ٹریسا سدرلینڈ کو اغوا کر کے ایک کیمپ میں لایا جانا۔ اور پھر دو دن میں ابوالاسلام کا اپنی حکمت عملی طے کرنا اور پھر ایک رات ابوالاسلام کا اپنے طالبان ساتھیوں کو مارنا اور ٹریسا سدرلینڈ کے ساتھ فرار ہو جانا۔
"اور اس طرح ٹریسا اور میں اس وقت آپ کے سامنے موجود ہیں۔" پیٹر نے اپنی بات ختم کی تو تمام صحافی اپنی اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہو گئے۔ تالیوں کی گونج تھی کہ دبنے کا نام نہ لیتی تھی۔
***
مصنف کی اجازت اور تشکر کے ساتھ، جنہوں نے مواد کی فائل فراہم کی
تدوین، پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید
شہید اور دوسرے افسانے
علی حسن سمند طور
پیٹر
پریس کانفرینس ہنگامی طور پہ بلائی گئی تھی۔ اس پریس کانفرینس میں موجود تمام صحافیوں کو علم تھا کہ امریکی سفارت خانے کی اہلکار ٹریسا سدر لینڈ اپنے اغوا کنندگان کے چنگل سے آزاد ہو کر واپس سفارت خانے کے محفوظ ماحول میں پہنچ چکی تھی۔ مگر یہ خبر رکھنے کے باوجود سب ہی یہ جاننے کی جستجو رکھتے تھے کہ ٹریسا نے یہ کمال کیسے کر دکھایا تھا۔ پریس کانفرینس سفارت خانے کے اندر ایک کمرے میں ہو رہی تھی۔
مقررہ وقت پہ ٹریسا سدرلینڈ ایک اور آدمی کے ساتھ پریس کانفرینس کے کمرے میں داخل ہوئی۔ اس آدمی کے سر کے بال الجھے ہوئے تھے اور اس کی داڑھی بغیر کسی تراش خراش کی تھی۔ اس نے شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی۔ ٹریسا کی شکل دیکھتے ہی کمرے میں خاموشی چھا گئی۔ ٹریسا کی صورت جانی پہچانی تھی۔ کچھ دن پہلے ہی اس کے اغوا ہونے کی خبر مع اس کی تصویر کے دنیا بھر کے اخبارات اور ٹی وی کی زینت بنی تھی۔ ٹریسا چلتی ہوئی کمرے کے آگے پہنچی اور وہاں پڑی میز کے پیچھے موجود کرسی پہ بیٹھ گئی۔ کمرے میں ٹریسا کے ساتھ داخل ہونے والا آدمی بھی ٹریسا کے برابر میں بیٹھ گیا۔
ٹریسا نے اطمینان سے میز پہ پڑی پانی کی ایک چھوٹی بوتل سے گلاس میں پانی انڈیلا، اور پانی کا ایک گھونٹ پینے کے بعد بولنا شروع کیا۔
"آپ سب لوگوں کی آمد کا بہت شکریہ۔ میں ٹریسا سدرلینڈ ہوں۔ وہی ٹریسا جسے طالبان نے تقریباً تین روز پہلے اغوا کیا تھا۔ میں آج آپ کے سامنے اس آدمی کی وجہ سے موجود ہوں۔" ٹریسا نے برابر بیٹھے آدمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا،"آپ شاید اس کو پہچاننے میں کچھ دشواری محسوس کر رہے ہوں۔ یہ پیٹر ہے۔"
کمرے میں بیٹھے صحافیوں میں سے ایک آدھ نے پہلو بدلا۔ انہیں آدمی کا نام اور چہرہ کچھ مانوس لگا تھا۔
ٹریسا بولتی رہی۔
"اور دراصل میری رہائی کی کہانی پیٹر کی بہت لمبی کہانی کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ اس لیے میں چاہوں گی کہ پیٹر آپ کو یہ پوری کہانی سنائے۔ پیٹر۔"
ٹریسا کی دعوت پہ پیٹر نے اپنی کرسی تھوڑی سی آگے بڑھائی۔ وہ بولنا شروع ہوا۔
"میں پیٹر ہوں۔ پیٹر اسٹینزیک۔ پولینڈ کا وہ انجینئیر جو دو سال پہلے اغوا ہوا تھا۔"
داڑھی والے آدمی کا یہ آخری جملہ سن کر کمرے میں بیٹھے بیشتر لوگوں کی چیخیں نکل گئیں۔
"ہاں مجھے پتہ ہے کہ تم لوگوں کا میرے بارے میں یہ خیال ہے کہ طالبان نے دو سال پہلے میرا سر قلم کر دیا تھا۔ لیکن تم دیکھ سکتے ہو کہ میں اب تک زندہ ہوں اور تمھارے سامنے موجود ہوں۔"
اتنی بات کر کے پیٹر کی آواز رندھ گئی۔ اس نے بھی اپنے سامنے پڑی بوتل سے پانی پیا۔ کمرے میں موجود تمام لوگ دم بخود پیٹر کو پانی پیتا دیکھ رہے تھے۔ وہ پیٹر کی داستان سننے کے لیے بے چین تھے۔
"میں تم لوگوں کو بتانا چاہوں گا کہ میں کس طرح موت کے چنگل سے بچ کر نکلا ہوں۔ لیکن یہ کہانی سنانے سے پہلے میں کچھ اپنے بارے میں بتا دوں تاکہ تم لوگوں کو میرے پس منظر کا اندازہ رہے۔
میں پولینڈ کے شہر کراکاؤ کا رہنے والا ہوں۔ میں نے وارشاوا سے ارضیات میں تعلیم حاصل کی تھی اور پھر کراکاؤ کی ایک کمپنی میں کام کرنے لگا۔ مجھے ہمیشہ سے دنیا دیکھنے کا شوق تھا۔ چنانچہ جب ہماری کمپنی کو پاکستان میں کام کرنے کا ٹھیکہ ملا تو میں نے افسران بالا کو اپنی خدمات پیش کر دیں۔ مجھے معلوم تھا کہ کام کرنے کے لیے پاکستان ایک خطرناک ملک ہے مگر پاکستانی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ہماری حفاظت کا موثر انتظام کیا جائے گا۔ میں ترقی پذیر دنیا کو قریب سے دیکھنے کی خواہش میں پاکستان پہنچا تھا۔ اور یہاں پہنچ کر مجھے واقعی بہت خوشی ہوئی تھی۔ میرے ٹھہرنے کا بہت اعلی انتظام تھا اور میری خدمت کے لیے ملازمین کی ایک فوج ظفر موج حاضر رہتی تھی۔ پولینڈ میں رہتے ہوئے میں نے کبھی ایسی شاہانہ زندگی کا خیال بھی نہیں کیا تھا۔ دراصل پاکستان آنے سے پہلے میں کسی ایسے ملک نہیں گیا تھا جو کبھی یورپی نو آبادی رہا ہو اور جہاں گورے آدمی کو محض اس کے رنگ کی وجہ سے عزت دی جاتی ہو۔ غرض کہ میں پاکستان آنے پہ بہت خوش تھا۔
میرا کام تیل اور گیس کے ذخائر دریافت کرنا تھا۔ میں اس سلسلے میں اپنے عملے کے ساتھ سفر کرتا تھا۔ ہم شہر سے باہر نکلتے تو میرے ساتھ چار لوگ ہوتے، میرا ماتحت ، وین کا ڈرائیور،اور دو بندوق بردار محافظ۔۔ پاکستان پہنچنے کے بعد شروع میں تو شہر سے باہر نکلتے ہوئے مجھے بہت ڈر لگا مگر جب ایسا بارہا ہوا کہ ہم پانچوں پورا دن چٹیل پہاڑوں میں گزارنے کے بعد بحفاظت واپس آ گئے تو میری خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا گیا۔ پھر میں نے مقامی کپڑے پہننا شروع کر دیے اور اردو اور پشتو کے چند الفاظ بھی سیکھ لیے۔ اور یوں پاکستان پہ میرا اعتماد بڑھتا گیا۔ دیکھتے دیکھتے دو ماہ گزر گئے۔ پاکستان میں خیریت سے دو ماہ گزارنے پہ مجھے خیال ہوا کہ پاکستان کے امن عامہ کی خراب شہرت دراصل غیر ملکی خبر رساں اداروں کا ایک جھوٹ تھی۔ میں اپنے آپ کو سمجھانے لگا کہ تیل اور گیس کی تلاش میں پولینڈ سے آئے ہوئے ایک انجینئیر کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان میں یقیناً غیر ملکی افراد مارے جاتے ہیں یا اغوا ہوتے ہیں، مگر شاذ و نادر، اور شاید قتل اور اغوا ہونے والے افراد کا کوئی نہ کوئی تعلق طالبان سے ہونے والی جنگ سے ہوتا ہے۔ میرا جنگ سے کیا لینا دینا، اس لیے مجھے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ بس میں نے اسی قسم کی خود کلامی سے اپنے آپ کو بہلا لیا۔
وقت گزرتا گیا اور پھر میری تقدیر کا سب سے برا دن آگیا۔ یہ ستمبر کے آخر کی بات ہے۔ ہم اٹک کے قریب جس جگہ کام کر رہے تھے اس کا اسلام آباد سے اتنا فاصلہ تھا کہ اسلام آباد سے روز وہاں جانے کے بجائے ہم نے اس مقام پہ ایک کیمپ لگانا زیادہ بہتر خیال کیا۔ کیمپ کی حفاظت کا اچھا انتظام تھا۔ میرے ساتھ چلنے والے چار لوگوں کے علاوہ کیمپ کی روز و شب حفاظت کے لیے چھ لوگ معمور تھے۔
وہ ستمبر اٹھائیس کا دن تھا اور اتوار کا روز تھا۔گویا ہم سب چھٹی پہ تھے۔ پاکستان میں کام کرتے ہوئے میرے لیے ہر روز ہی چھٹی کا دن تھا کیونکہ کام میں کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں تھا اور میں جس شخص کو رپورٹ کرتا تھا وہ پولینڈ میں تھا۔ اتوار کی اس صبح کیمپ میں ناشتہ کرنے کے بعد میں نے اپنے ڈرائیور سے کہا کہ میں سامنے والے پہاڑوں کا معائنہ کرنا چاہتا تھا۔ میرے ساتھ چلنے والے چاروں لوگ ذرا سی دیر میں تیار ہو گئے۔ بندوق بردار پیچھے بیٹھے تھے۔ ڈرائیور اور میرا ماتحت آگے والی سیٹوں پہ تھے اور میں بیچ کی سیٹ پہ آرام سے بیٹھا تھا۔ ہم کیمپ کے سامنے موجود پہاڑوں کی طرف چلے جا رہے تھے۔ ایک دن پہلے بھی ہم ان پہاڑوں پہ جا چکے تھے مگر آج میں ایک دوسری جگہ کا معائنہ کرنا چاہتا تھا۔ ہمیں چلتے ہوئے آدھا گھنٹہ ہوا تھا کہ راستے میں ایک ندی پڑی۔ میں نے گاڑی کو وہاں روکنے کی فرمائش کی۔ گاڑی رک گئی۔ ہم سب گاڑی سے اتر گئے۔ میں ندی تک پہنچا اور وہاں موجود ایک بڑے پتھر پہ بیٹھ گیا۔ میں نے اپنے ماتحت سے کہا وہ باقی تین افراد کو بتا دے کہ مجھے آگے جانے کی کوئی جلدی نہیں تھی اور میں وہاں ندی پہ کچھ وقت گزارنا چاہتا تھا۔ وہ ایک گرم دن تھا اور میرا دل تھا کہ میں کپڑے اتار کر پانی میں چھلانگ لگا دوں۔ مگر ایسی صورت میں آپ نہانے کا کیا مزا لوٹ سکتے ہیں جب چار لوگ آپ کی حرکات و سکنات کا بغور جائزہ لے رہے ہوں۔ میرا عملہ کچھ دیر میری طرف غور سے دیکھتا رہا مگر جب انہیں احساس ہوا کہ مجھے وہاں سے روانہ ہونے کی کوئی جلدی نہیں تھی اور میں محض اس ماحول سے لطف اندوز ہو رہا تھا تو وہ لوگ بھی اپنے اپنے کاموں میں لگ گئے۔ میرا ماتحت تھوڑا آگے جا کر ندی کے کنارے پڑے ایک اور پتھر پہ بیٹھ گیا۔ جب کہ ڈرائیور اور دونوں محافظ گاڑی میں بیٹھ کر گانے سننے لگے اور نسوار کھانے لگے۔
میں آرام سے پانی میں پاؤں ڈالا بیٹھا تھا اور سوچ رہا تھا کہ یہ پہاڑ، یہ ندی، ایسا جغرافیہ اس دنیا میں جا بجا بکھرا ہوا ہے پھر ایسا کیوں ہوتا ہے کہ کہیں تو لوگ اس جغرافیے کو جنت بنا لیتے ہیں اور کہیں لوگ اسی جغرافیے کے ساتھ بہت پرآلام زندگی گزارتے ہیں۔
میری سوچ بس یہیں تک پہنچی تھی کہ مجھے کسی گاڑی کی آواز آئی اور اس سے پہلے کہ میں پلٹ کر دیکھوں کہ وہ گاڑی کہاں سے آ رہی تھی، زوردار فائرنگ شروع ہو گئی۔ میں نے جلدی سے چھلانگ لگا کر اس بڑے پتھر کی آڑ لے لی جس کے اوپر میں اب تک بیٹھا تھا۔ فائرنگ کافی دیر تک جاری رہی۔ میری ہمت نہ تھی کہ میں پتھر سے باہر سر نکال کر دیکھتا کہ کون کس پہ فائرنگ کر رہا تھا۔ پھر خاموشی چھا گئی۔ میں وہیں دبکا بیٹھا رہا۔ کچھ دیر بعد آواز سے مجھے اندازہ ہوا کہ ایک گاڑی میرے چھپنے کے مقام کے بالکل قریب پہنچ گئی تھی۔ پھر قدموں کی چاپ میری طرف بڑھتی معلوم دی۔
'کھڑے ہو جاؤ۔' کسی نے مجھ سے انگریزی میں کہا۔ میں نے سر اٹھا کر دیکھا تو ایک داڑھی والے کلاشنکوف بردار آدمی کو بالکل اپنے سر پہ پایا۔ میں کھڑا ہو گیا۔ جس آدمی نے مجھے کھڑے ہونے کو کہا تھا اس سے دو قدم پیچھے ایک اور شخص میری طرف پستول تانے کھڑا تھا۔
'ہاتھ اوپر کرو۔'
مجھے پھر حکم دیا گیا۔ میں نے جلدی سے دونوں ہاتھ اوپر اٹھا لیے۔ پستول بردار شخص اپنی جگہ کھڑا رہا جب کہ کلاشنکوف تھامنے والے آدمی نے آگے بڑھ کر میری تلاشی لی۔ میرے بٹوے میں پاکستانی روپوں کے علاوہ چند غیر اہم کاغذات تھے۔ جب کہ میرا پاسپورٹ میرے ہوٹل کے کمرے میں تھا۔ میرا بٹوہ اپنے قابو میں کرنے کے بعد کلاشنکوف بردار شخص نے پشتو میں پستول والے آدمی سے کچھ کہا۔ پستول تانے شخص نے اپنی جیب سے ایک کالی پٹی نکال کر کلاشنکوف والے آدمی کو تھما دی۔ پھر میری آنکھوں پہ وہ پٹی باندھ دی گئی۔ مگر میں اس درمیان میں یہ دیکھ چکا تھا کہ ندی کے کنارے میرا ماتحت ساکت، خون آلود حالت میں پڑا تھا۔ ہماری گاڑی کے شیشے فائرنگ سے ٹوٹ گئے تھے اور دور سے دیکھنے پہ اندر موجود تینوں افراد بھی مردہ حالت میں نظر آتے تھے۔
میری آنکھوں پہ پٹی باندھنے کے بعد مجھے بازو سے پکڑ کر ایک گاڑی میں بٹھایا گیا۔ پھر میری گردن کو پیچھے سے پکڑ کر مجھے زور سے دھکا دیا گیا اور مجھے سر جھکانے کو کہا گیا۔ میں نے وہیں بیٹھے بیٹھے سر نیچا کیا تو میرے اوپر ایک چادر ڈال دی گئی۔ گاڑی چلنا شروع ہوئی۔ شروع میں تو راستہ ہموار تھا مگر پھر لگا کہ جیسے گاڑی کسے اونچے نیچے راستے پہ آ گئی ہو۔ میں بہت خوفزدہ تھا۔ مجھے بالکل معلوم نہ تھا کہ میرے اغوا کنندگان کون تھے اور مجھ سے کیا چاہتے تھے۔ قریباً آدھ گھنٹہ چلنے کے بعد گاڑی رک گئی۔ مجھے گاڑی سے نکالا گیا اور ایک گھر میں لے جایا گیا۔ مجھے ایک کمرے میں پہنچانے کے بعد رخصت ہوتی آوازوں سے لگا کہ مجھے اغوا کرنے والے کمرہ بند کر کے وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔ میں نے ہمت کر کے پوچھا کہ وہ مجھ سے کیا چاہتے تھے۔
'انتظار کرو۔' ایک آدمی نے مجھ سے انگریزی میں کہا اور پھر کمرے کو باہر سے تالا جڑ دیا گیا۔ وہ لوگ جا چکے تھے۔ میرے ہاتھ آزاد تھے اور میں اپنی آنکھوں سے پٹی اتار سکتا تھا۔ مگر مجھے خوف تھا کہ اگر میں نے پٹی اتاری تو بعد میں میرے اغوا کنندگان میرے اس عمل پہ ناراض ہو کر کہیں مجھ پہ تشدد نہ کریں۔ میں نے ایک طرف سے پٹی کو اٹھا کر کمرے کا جائزہ لینے کی کوشش کی۔ کمرہ اندھیرا میں ڈوبا ہوا تھا اور اگر میں پٹی اتار بھی دیتا تو شاید مجھے کچھ نظر نہ آتا۔
گھنٹے بھر بعد کمرے کا دروازہ کھلا۔ ایک آدمی نے آگے بڑھ کر میری آنکھوں سے پٹی اتار دی۔ میرے سامنے چار لوگ کھڑے تھے۔ تین اسلحہ بردار تھے جب کہ چوتھا جو بالکل بیچ میں کھڑا تھا غیر مسلح تھا۔ یہ غیر مسلح شخص کوئی اہم آدمی معلوم دیتا تھا کیونکہ باقی تین افراد تکریم سے اس سے کچھ فاصلے پہ کھڑے تھے۔ غیر مسلح شخص میرے سامنے بیٹھ گیا۔
'تم پیٹر اسٹینزیک ہو نا؟' اس نے مجھ سے رواں انگریزی میں پوچھا۔
میں نے اثبات میں جواب دیا۔
'پیٹر، ہم طالبان کی تم سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ بلکہ میں ذاتی طور پہ تم سے اس اغوا کے سلسلے میں معافی مانگنا چاہوں گا۔ ہم نے تمھیں اس لیے اغوا کیا ہے کیونکہ پاکستانی فوج نے ہمارے بہت سے بے گناہ ساتھوں کو پکڑ لیا ہے۔ ہم تمھاری رہائی کے بدلے اپنے وہ ساتھی پاکستانی حکومت کی حراست سے نکلوانا چاہتے ہیں۔ تم بے فکر رہو۔ ہم تمھیں چھوڑ دیں گے۔ بس حکومت پاکستان ہمارے مطالبات مان کر ہمارے ساتھیوں کو آزاد کر دے۔' اس آدمی نے وضاحت سے سمجھایا۔
'لیکن اگر ان لوگوں نے تمھارے مطالبات نہ مانے تو؟' میں نے برملا پوچھا۔
'نہیں، ایسا نہیں ہو گا۔ تم ایک قیمتی آدمی ہو اور ہم جن لوگوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ کوئی جرائم پیشہ لوگ نہیں ہیں بلکہ معصوم ہیں۔ اور حکومت کو بھی ان کی معصومیت کا اندازہ ہے۔
آؤ، میرے ساتھ آؤ۔ اب ہم تمھاری ایک ویڈیو بنائیں گے۔'
یہ کہہ کر اس آدمی نے مجھے بازو سے پکڑ کر اٹھنے میں میری مدد کی۔ میں اپنے پاؤں پہ کھڑا ہو گیا۔ ہم کمرے سے باہر نکلے تو مجھے اپنے اطراف کا کچھ اندازہ ہوا۔ وہ کسی دیہات میں واقع ایک بڑا گھر معلوم ہوتا تھا۔ گھر کے اطراف پتھروں کی چہار دیواری تھی۔ ویڈیو بنانے کا انتظام پہلے سے موجود تھا۔ مجھے ایک چارپائی پہ بیٹھنے کو کہا گیا جو دیوار کے ساتھ لگی تھی۔ دیوار پہ ایک بینر تھا جس پہ اردو میں کچھ لکھا تھا۔ میرے چارپائی پہ بیٹھنے پہ دو نقاب پوش آدمی میرے پیچھے آکر کھڑے ہو گئے۔ ان کے ہاتھوں میں خودکار اسلحہ تھا۔ مجھے جلدی جلدی ہدایات دیں گئیں کہ مجھے ویڈیو میں اپنی حکومت سے التجا کرنی تھی کہ وہ میری رہائی کے لیے اغوا کنندگان کے مطالبات مان لے۔
پھر ویڈیو بنانے کا کام شروع ہوا۔ کیمرے کے ساتھ کھڑے آدمی نے مجھ سے جو سوالات پوچھے میں نے ان کے مختصر جوابات دیے۔ میں نے وہی کچھ کہہ دیا جو کہنے کی ہدایات مجھے دی گئیں تھیں۔ ویڈیو بننے کے بعد مجھے واپس اس اندھیرے کمرے میں پہنچا دیا گیا جہاں سے نکال کر مجھے ویڈیو بنانے کے لیے لایا گیا تھا۔ اب کی بار فورا ہی میرے لیے کھانا آ گیا۔ میں نے وہ کھانا زہر مار کیا۔
بس پھر اسی طرح دن گزرتے گئے۔ مجھے کھانا پینا وقت پہ ملتا تھا۔ پہننے کے لیے اضافی کپڑے بھی دیے گئے۔ مجھے میری ضروریات کے لیے کمرے سے نکالا جاتا اور ہر دوسرے دن مجھے نہانے کا موقع بھی دیا جاتا۔
غالبا چھ روز بعد ایک دن مجھے غیر متوقع وقت پہ کمرے سے نکالا گیا۔ مجھے بتایا گیا کہ انہیں میری جگہ تبدیل کرنا تھی۔ میری آنکھوں پہ پٹی باندھ کر مجھے ایک گاڑی میں بٹھایا گیا اور دو گھنٹے کی مسافت کے بعد ایک نئی جگہ پہ پہنچا دیا گیا۔ اس نئی جگہ پہ بھی کئی دن گزر گئے۔ میری حفاظت پہ معمور لوگوں میں سے کوئی بھی انگریزی نہیں بولتا تھا۔ تازہ اور تفصیلی معلومات کے لیے مجھے اس شخص کا انتظار کرنا پڑتا تھا جسے سب لوگ شیخ کہہ کر پکارتے تھے۔ شیخ ہی نے مجھے بتایا کہ میری ویڈیو دنیا بھر کے ٹی وی اسٹیشنوں پہ چل رہی تھی۔ شیخ کے بیان کے مطابق میری رہائی کے لیے حکومت پاکستان اور حکومت پولینڈ سے طالبان کے مذاکرات جاری تھے۔ ساٹھ افراد کی ایک فہرست حکومت پاکستان کو فراہم کر دی گئی تھی کہ جیسے ہی ان افراد کو چھوڑا گیا، مجھے بھی رہا کر دیا جائے گا۔
وقت گزرتا گیا اور اپنے محافظوں سے بات چیت کی کوشش میں میری پشتو بہتر ہوتی گئی۔ ان لوگوں کا مجھ پہ اعتماد بڑھتا گیا اور اب مجھے ہر وقت قید میں نہ رکھا جاتا۔ پھر ایک دن میں نے ایک عجیب کام کیا۔ میرے محافظ نماز پڑھ رہے تھے تو میں بھی ان کے پیچھے نماز پڑھنے کھڑا ہو گیا۔ ایک آدمی جو میری حفاظت کی نظر سے پیچھے موجود تھا اور نماز نہیں پڑھ رہا تھا میری حرکات کو غور سے دیکھتا رہا۔ نماز ختم ہونے کے بعد وہ دیر تک پشتو میں تیز تیز باتیں کرتے رہے۔ جو کچھے مجھے سمجھ میں آیا اس کے حساب سے وہ لوگ میرے نماز پڑھنے پہ بہت خوش ہوئے تھے۔ پھر میں نے یہ معمول بنا لیا کہ میرے محافظ نماز پڑھنے کے لیے کھڑے ہوتے تو میں بھی ان کے پیچھے کھڑا ہو جاتا اور وہی کچھ کرتا جو وہ کرتے۔ ایک دن ان میں سے ایک نے مجھ سے پوچھا بھی کہ میں ایسا کیوں کرتا ہوں۔ میں نے جواب دیا کہ مجھے نماز پڑھنے میں بہت مزا آتا ہے۔ وہ میرے جواب سے بہت خوش ہوا اور اس نے اس بات کا تذکرہ دوسرے لوگوں سے بھی کیا۔
پریس کانفرینس کے کمرے میں موجود تمام صحافی دم بخود پیٹر کی داستان سن رہے تھے۔ پیٹر بولتا رہا اور یہ مبہوت سنتے رہے۔ کہ پیٹر کا سورہ فاتحہ یاد کرنا اور ایک دن ایک محافظ کے ہاتھوں مسلمان ہو جانا۔ اور پیٹر کا نیا نام ابوالاسلام رکھا جانا۔ اور پھر شیخ کا اس پیش رفت پہ برہم ہونا۔ اور شیخ کا خیال ہونا کہ پیٹر ڈھونگ رچا رہا تھا۔ مگر پیٹر کا ثابت قدمی سے اپنے عمل پہ ڈٹے رہنا۔ اور پھر ایک دن پیٹر کی ایک عجیب ویڈیو بنائی جانا کہ جس میں پیٹر کے سامنے ایک تیز چھری کا لہرایا جانا۔ اور پیٹر کا خوفزدہ ہونا کہ شاید اس کی گردن کاٹنے کا انتظام ہو رہا تھا۔ مگر یہاں تک کی ویڈیو ریکارڈنگ کے بعد کیمرے کا بند ہو جانا۔ اور پھر پیٹر کی زندگی کا اسی طرح اپنے اغوا کنندگان کے ساتھ ان کے رنگ ڈھنگ میں ڈوبے گزارنا۔ اور پھر طالبان کا ابوالاسلام پہ اس قدر اعتماد کرنا کہ ابوالاسلام کے ہاتھ میں ہتھیار دینا اور اسے اپنی جنگی مہمات میں شامل کرنا۔ اور پھر ایک دن طالبان کا ٹریسا سدرلینڈ کو اغوا کر کے ایک کیمپ میں لایا جانا۔ اور پھر دو دن میں ابوالاسلام کا اپنی حکمت عملی طے کرنا اور پھر ایک رات ابوالاسلام کا اپنے طالبان ساتھیوں کو مارنا اور ٹریسا سدرلینڈ کے ساتھ فرار ہو جانا۔
"اور اس طرح ٹریسا اور میں اس وقت آپ کے سامنے موجود ہیں۔" پیٹر نے اپنی بات ختم کی تو تمام صحافی اپنی اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہو گئے۔ تالیوں کی گونج تھی کہ دبنے کا نام نہ لیتی تھی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)