دین و مذہب

مناقبِ برہانی

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (44,042 الفاظ)

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

مَنْ عَادٰی لِیْ وَلِیًّافَقَدْ اٰذَنْتُہٗ بِالْحَرْبِ (حدیثِ قُدسی)
جو میرے دوست سے دُشمنی رکھے میری طرف سے اُس کے خلاف اِعلانِ جنگ ہے۔(حدیثِ قُدسی)
حضرت قُطبُ العَالم سید برہان الدین بُخاری نور اللہ مرقدہٗ اور حضرت شاہِ عالم اور آپ کے دیگر خُلفاء اور سجادہ نشینوں کا تذکرہ
مناقبِ برہانی

حضرت شاہ عبدالرحمن شاہ بدھ ترجمہ و تحقیق سید زعیمؔ فاطمی

 

عرضِ مترجم

پیشِ نظر کِتاب حضرت قطب العالم برہان الدین بخاری نور اللہ مرقدہٗ کے حالات پر مشتمل فارسی رسالہ کا اُردو ترجمہ ہے۔
حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ ہندوستان کے اُن بزرگانِ عظام میں سے ہیں جن کے نفس سرد و آہِ گرم سے کفر زارِ گجرات میں اِسلام کی روشنی پھیلی۔ بلا شبہ وہ اَپنے دَور میں اِس علاقہ کے قطب، اَللہ کی آیات میں سے ایک آیت اور اُس کی حجتوں میں سے ایک حجت تھے۔بزرگانِ دین کی تاریخ بتاتی ہے کہ اُن میں سے ہر ایک اپنی ذات میں ایک اَنجمن اور ایک اِدارے کی حیثیت رکھتا تھا اور اُن کے فیضِ باطنی سے عوام و خواص یکساں طور پر بہرہ وَر ہوتے تھے۔ بادشاہ سے لے کر فقیر تک اور گدا سے لے کر تخت نشین تک سب اُن کے خوانِ نعمت کے زُلہ رُبا تھے اور اپنے اپنے ظرف و اِستعداد کے مطابق ہر شخص اُن سے مُستفیض ہوتا تھا۔ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ بھی ایسے ہی بزرگوں کی صفِ اول کے اِنسان تھے۔ وہ قطبیتِ کبریٰ کے مقام پر فائز تھے اور اُن کی فیض رسانی کا دائرہ پورے گجرات پر محیط تھا۔
اَب مجھے چند باتیں ترجمے کے متعلق عرض کرنا ہیں۔ ترجمہ لفظی سے زیادہ معنوی ہے۔ تجربہ سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ کسی مضمون کو ایک زبان سے دوسری زبان میں منتقل کرنے کے لیے لفظی ترجمہ موزوں نہیں رہتا۔کیونکہ ہر زبان کا اپنا ایک مخصوص اسلوب ہوتا ہے۔اور ظاہر ہے کہ اُسے کسی دوسری زبان میں پوری طرح ملحوظ نہیں رکھا جا سکتا۔
حضرت قطب العالم برہان الدین نور اللہ مرقدہٗ کا شجرۂ نسب
٭ آقائے دو عالم ختمی مرتبت حضور سرورِ کائنات ﷺ
(۱) مولائے کائنات علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ -حضرت فاطمۃ الزھراء
(۲) حضرت اِمام حسین رضی اللہ عنہ
(۳) حضرت امام زین العابدین رضی اللہ عنہ
(۴) حضرت اِمام محمد باقر رحمۃ اللہ علیہ
(۵) حضرت اِمام جعفر صادِق رحمۃ اللہ علیہ
(۶) حضرت اِمام موسیٰ کاظم رحمۃ اللہ علیہ
(۷) حضرت اِمام علی رضا رحمۃ اللہ علیہ
(۸) حضرت اِمام سید محمد جوّاد رحمۃ اللہ علیہ
(۹) حضرت اِمام سید علی ہادی رحمۃ اللہ علیہ
(۱۰) حضرت سید جعفر جلیل رحمۃ اللہ علیہ
(۱۱) حضرت سید علی اشقر رحمۃ اللہ علیہ
(۱۲) حضرت سید عبداللہ رحمۃ اللہ علیہ
(۱۳) حضرت سید احمد رحمۃ اللہ علیہ
(۱۴) حضرت سید محمود رحمۃ اللہ علیہ
(۱۵) حضرت سید محمد رحمۃ اللہ علیہ
(۱۶) حضرت سید جعفر رحمۃ اللہ علیہ
(۱۷) حضرت سید علی رحمۃ اللہ علیہ
(۱۸) حضرت سید جلال الدین بخاری رحمۃ اللہ علیہ
(۱۹) حضرت سید کبیر الدین احمد رحمۃ اللہ علیہ
(۲۰) حضرت سید مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ
(۲۱) حضرت سید ناصرالدین محمود رحمۃ اللہ علیہ
(۲۲) حضرت سید برہان الدین بُخاری قُطبُ العَالم نو راللہ مرقدہٗ
ہندوستان میں اِس خانوادۂ عالیہ کے پہلے بزرگ حضرت سید جلال الدین بخاری نور اللہ مرقدہٗ تشریف لائے اور ملتان (پاکستان) میں حضرت بہاء الحق زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کے ہاں فروکش ہوئے۔ آپ نے حضرت بہاء الحق زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ سے فیضِ تربیت حاصل کیا۔ حضرت بہاء الحق زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفۂ اجل تھے۔ اِس نسبت سے یہ بزرگ خاندان سلسلۂ عالیہ سہروردیہ سے وابستہ ہے۔
مشہورِ زمانہ فارسی شاعر حضرت شیخ سعدی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ بھی حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفۂ مجاز ہیں۔وہ گلستاں میں اِس نسبتِ عالی کا یوں اِظہار کرتے ہیں۔

مر اپیر دانائے روشن شہاب دواندر ز فرمود بر روئے آب

یکے آں غیربیں مباش دوم آں کہ بر خویش خود بیں مباش

حضرت سید جلال الدین بخاری رحمۃ اللہ علیہ سہروردی سلسلے کے چشم و چراغ ہیں۔ آپ کا مزار مبارک اُچ شریف (پاکستان سابق ریاست بہاول پور) میں مرجع خلائق ہے۔اِس لحاظ سے حضرت قطب العالم سید برہان الدین رحمۃ اللہ علیہ کا اِنتساب بھی اِسی سلسلۂ عالیہ سے ہے۔اور آپ بھی حسباً سہروردی ہیں کیونکہ حضرت سید مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ بھی سہروردی تھے۔
(حوالہ کے لیے دیکھیے تاریخِ فرشتہ۔جلد:۲)
حضرت قطبُ العالم کو خلافت و اِجازت اپنے جدِّ محترم حضرت سید مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ سے اپنے والدِ گرامی حضرت سید ناصر الدین محمود اور اپنے والد کے چچا حضرت شیخ سید صدر الدین راجو قتال رحمۃ اللہ علیہما کے توسط سے حاصل ہوئی ہے۔
حضرت سید مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کو تین بزرگوں کے توسط سے حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی رحمۃ اللہ علیہ سے شرف نسبت حاصل ہوا۔ حضرت ابو الفتح شاہ رکن عالم نبیرۂ حضرت بہاء الحق زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ سے آپ بیعت ہوئے۔مدینۃ المنوّرہ کے مشہور بزرگ اِمام یا فعی اَیمنی سے خلافت عطا ہوئی ہے۔ اور حضرت عمر بن شہاب سہروردی سے بھی آپ نے اِکتساب فیض کیا یہ تینوں بزرگ سہروردی خانوادے کے جلیل القدر اَفراد ہیں۔
حضرت سید مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء کی تعداد بہت زیادہ ہے تا ہم دو خلیفہ نمایاں عظمت کے حامل ہوئے۔ حضرت سید ناصر الدین محمود رحمۃ اللہ علیہ جو آپ کے فرزندِ گرامی ہیں اور آپ کے چھوٹے بھائی حضرت سید صدر الدین راجو قتال رحمۃ اللہ علیہ۔ اَیسے جلیل القدر بزرگ گرامی مرتبت کے حالات نیز آپ کے خلفاء کے واقعات اس قابل ہیں کہ اس دورِ کم سواد میں اُن سے زِیادہ سے زِیادہ اِستفادہ کیا جائے۔دُعاء ہے کہ حق تعالیٰ ہمیں اِن بزرگوں کے نقش قدم پر چلنے کی توفیقِ اَرزانی عطا فرمائے۔
ویرحم اللّٰہ عبداً قال آمین۔
 

تذکرہ مولٔف کتاب

اِس کتاب کے مؤلف حضرت شاہ عبد الرحمان بدھ شاہ لطیف محمد بخاری کے صاحبزادہ ہیں۔آپ کے والد کا مزار بٹوا میں حضرت قطب العالم کے مزار کے شمال میں لبِ سڑک واقع ہے۔ شاہ عبد الرحمان بدھ شاہ لطیف محمد بخاری کے منجھلے صاحبزادے تھے۔اور اپنے وقت کے بہت بڑے صوفی اور یگانۂ روزگار بزرگ تھے۔
آپ نے برہان پور خاندیس میں اِقامت اختیار فرمائی اور وہیں انتقال فرمایا آپ کی اَولاد اُس علاقے میں آج بھی موجود ہے۔
آپ حضرت قطب العالم کی چھٹی پشت میں سے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔شجرۂ نسب حسب ذیل ہے۔
حضرت قطب العالم خواجہ برہان الدین رحمۃ اللہ علیہ
سید جلال الدین حسین ثانی رحمۃ اللہ علیہ سجادہ نشین
سید ناصر الدین ابو حامد محمود رحمۃ اللہ علیہ
سید ابوالحسین رحمۃ اللہ علیہ
سید محمد شاہ حسین سجادہ نشین قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ
شاہ لطیف محمد بخاری رحمۃ اللہ علیہ
شاہ عبد الرحمان بڈھا( رحمۃ اللہ علیہ)
آپ نے یہ رسالہ ۱۰۴۷؁ھ میں تالیف کیا اور اس کا نام مناقبِ برہانی رکھا اس کا صرف ایک ہی قلمی نسخہ کتب خانۂ آصفیہ حیدر آباد دکن میں موجود ہے۔
 

بِاِسْمِہٖ سُبْحَانَہٗ وَ جَلَّ مَجْدَہٗ

بے اندازہ حمد و شکر اور بے حد و حساب سپاس گذاری اس ذات بے نیاز کے لئے مخصوص ہے جس کا جلال بلند و مرتبہ ہے۔اور جس کی بخشش کا فیض عام ہے۔وہ ذات کہ جس کی قدرت کاملہ کے ملاح نے سورج کے روپہلی جہاز کو آکاش کے نیلگوں ساگر میں رواں فرما دیا۔اور چاند کی نقرئی کشتی کو آسمان کے دریائے نا پیدا کنار میں جاری کر دیا اور آسمانوں کی سات محرابوں کو سات سیّاروں کی قندیلوں سے جگمگا دیا اور بازارِ دنیا کی مصیبتوں سے پٹی ہوئی رہ گذر کو اور خوف و ہراس کے اس تنگ راستے کو دین حق کے رہنماؤں اور سچائی اور یقین کی شاہراہ کے پیشواؤں کے مقدس وجود سے کہ جو اس حدیث پاک کا حقیقی مصداق ہیں۔
لولا الصالحون لھلک الطالحون۔(اگر نیک لوگ نہ ہوتے تو بدکاروں کا نام و نشان تک باقی نہ ہوتا)ان کے وجود کی برکت سے اس دنیا کو عامۃالناس کے لئے امن و سکون کی جگہ بنا دیا۔
اور انگنت درود و سلام کے روشن اور تابناک موتی نچھاور ہوں۔نسل انسانی کے اس سردار کی قبر منور پر جو شفیع روز محشر ہے۔جو آفتاب و ماہتاب کی چمک دمک کا حامل ہے۔شاہ جمشید جس کے ادنیٰ غلاموں میں سے ہیں۔جو صحیفۂ نبوت کا جلی عنوان ہے۔جو جواں مردی کی کتاب کا پیش لفظ ہے۔جو شریعت، طریقت، حقیقت، اور معرفت کے چمن زاروں کا صورت گر ہے۔وہ شخصیت گرامی جو خدا کے تمام پیغمبروں اور رسولوں کا سرتاج ہے۔میری مراد حضور سرور کائنات حضرت محمد مصطفٰےﷺ کی ذات اقدس سے ہے جنہوں نے ظاہر پرستوں کو گمراہی کے ریگستان سے نکال کر ہدایت کے شہرستان کا راستہ دکھایا ہے۔اور انہیں ابدی زندگی کے خلوت کدوں تک پہنچا دیا کہ جن کی تعریف ان لفظوں میں کی گئی ہے کہ۔جنّات تجری من تحتہا الانہار-ایسے باغات جن کے نیچے نہریں رواں دواں ہیں۔
امّا بعد=اس مضمون کے راقم ایک ایسی بزرگ شخصیت ہیں جو ولایت و ہدایت کا مرکز و محدوز میدان حقیقت کے سیّاح،طریقت کے سمندروں کی گہرائیوں تک پہنچنے والے، بلند ہستی کے ساتھ شریعت و حقیقت کے جامع، اونچے مرتبہ کے اسرارو حقائق کی نقاب کشائی کرنے والے، طریقت کے اسرار رموز کے مظہر، حقیقت کے انوار و تجلّیات کے مرکز،حسب و نسب سدا بہار باغ کے غنچۂ شاداب اور ہدایت و ولایت کے شبستاں کے چراغ کی روشنی ہیں۔
شعر-ھو الشمس فی افق المعادی و بدرہ وفی الارض کل الناس قدرا کا نجم
سربلندیوں کے افق پر وہ آفتاب اور چودھویں کے چاند کی مانند جلوہ گرہیں۔اور زمین کے باقی تمام لوگ مرتبہ کے اعتبار سے ان کے مقابلہ میں ستاروں کی طرح ہیں۔
چونکہ زمانہ کے تمام نامور اہل زبان اور دنیا بھرکے عقلمند اور مفکر لوگ اپنی مکمل دانائی اور ذہن کی تمام تر قوتوں کے با وصف ان کے کمالات و اوصاف سے پوری طرح عہدہ بر نہیں آ سکتے۔اور ان کی خصوصیات کے عشرِ عشیر کا تذکرہ بھی ان کے بس سے باہر کی بات ہے۔اس بنا پر ان کی شان کے بارے میں ملک الشعراء امیر خسرو کے ان اشعار پر اکتفا کرنا مناسب سمجھتا ہوں کہ وہ اس کے حقیقی مصداق ہیں۔
شعر=
زعلمش در دو عالم روشنائی
دو عالم علم کسبی و عطائی
ان کے علم سے علم اکتسابی اور علم وہبی کے دونوں جہان روشن ہیں
حدیثش چوں خبردار امر در نہی
بہ یک پایہ فرد از پایۂ وحی
امور شرعیہ میں ان کی باتیں حدیث نبوی کی مانند ہیں اور مرتبہ میں وحیِ الٰہی سے صرف ایک درجہ فروتر ہیں۔
از د تا انبیاء یک کاف تعظیم
بداں گونہ کز احمد تا احد میم
آپ سے لے کر انبیاء تک عظمت کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے اور اتنا ہی فرق ہے جیسا کہ احمد اور احد میں صرف میم کا فرق ہوتا ہے۔
بمعراج نمازش چرخ محتاج
بچرخش چوں نماز خویش معراج
آسمان بھی ان کی نماز کی معراج کا محتاج ہے اور نماز کی طرح ہر دم ان کی رسائی آسمانوں تک ہے۔
بشادرو ان انجم صدر جا ہش
فراز عرش و کرسی تکیہ گاہش
ستاروں کے جھرمٹ میں ان کی مسند بچھی ہوئی ہے اور عرش و کرسی کی بلندی پر ان کی نشست گاہ ہے۔
مسیحا ہر دم از فیض نہا نہا
زدہ بر مردہ جانہاموج جاں ہا
اپنے باطنی فیوض کی بناء پر وہ مسیحا نفس ہیں اور مردہ جسموں میں زندگی کی لہر دوڑا دیتے ہیں۔
بہ ہر سو کر ذمش بادے رسیدہ
ہزاراں کوہ رنج از جا پریدہ
جہاں جہاں ان کی مسیحا ان کی نفسی کی ہوا پہنچی ہے وہیں وہیں غموں کے پہاڑ اپنی جگہ سے ہٹ گئے۔
دنیا جہان کے پیدا کرنے والے بادشاہ اور دنیا پر احسان کرنے والے خداوند کے خصوصی انعامات سے بہرہ ور جناب حضرت
شاہ سید عبد الرحمان جن کا عرف شاہ بڈھا ہے جو حضرت شاہ لطیف محمد بخاری کے فرزندِ ارجمند ہیں انہوں نے ان کرامات اور فوق العادات عجیب و غریب واقعات کو جو حضرت قطب العالم سید برہان الدین صاحب ولایت گجرات کے متعلق مشہور ہیں اور جو آپ کے اولاد اور جلیل القدر خلفاء اور آپ کے مریدین سے روایت ہوتی چلی آئی ہیں اور نہایت قابل اعتبار لوگوں نے انہیں نقل کیا ہے۔ اور سلسلہ وار پانچ بیٹے نے اور چھٹوں نے اپنے بزرگوں سے سنا ہے اور حضرت قبلۂ عالم سے لے کر تا ایں دم زباں زد خاص و عام ہیں۔صاحب موصوف نے ان تمام واقعات ولایت۔ کرامت۔ کو بڑی جامعیت کے ساتھ قلمبند کیا ہے۔اور چونکہ آپ کی مسند کے وارث جو آپ کی اولاد اور آپ کے جا نشین اور زیب سجادہ بنتے چلے آئے ہیں نیز آپ کے تمام جانشین شریعت نبوی کے راستے پر گامزن اور سچائی کے مسلک پر کار بند رہے ہیں اس لئے ہر شخص کو ان کے بیان کردہ واقعات کی صحت پر پورا اعتماد ہے۔مصنفِ کتاب نے ان واقعات کو کتابی صورت میں یکجا کر دیا ہے۔اور ضمناً بعض بزرگوں کے تاریخ پیدائش اور تاریخِ وصال بھی جو مستند طریقے پر معلوم ہوئی اس کتاب میں ذکر کر دی گئی ہیں۔

ان واقعات کا ذکر جو حضرت قطب العالم کی پیدائش سے قبل ظہور میں آئے جن سے آپ کی عظمت کا ثبوت ملتا ہے۔اور جن میں سے اکثر و بیشتر کا ظہور آپ کی زندگی میں ہوا

روایت ۱؎ سلسلۂ عالیہ قطبیہ رشیدیہ کے گرامی قدر اہل علم و دانش ا ور نیک نہاد بزرگوں کے آئینہ کی مانند پاک صاف اور ذی قلوب پر یہ بات واضح ہے کہ حضرت قطب العالم کی والدہ ماجدہ کا نام بی بی ہاجرہ تھا۔ان کی قبر پٹن میں ہے۔مرحومہ دہلی کے خاندان سادات کے ایک بزرگ حضرت سید قاسم حسینی کی صاحبزادی تھیں۔جب ان کی شادی حضرت قطب الاقطاب سید ناصر الدین محمود سے قرار پائی تو حضرت سید قطب الاقطاب حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ نے انہیں سعادت خاتون کا خطاب مرحمت فرمایا۔
حضرت سید ناصر الدین محمود کے حرم میں ایک سے زیادہ بیویاں نہیں تھیں۔ہر بیوی حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے سلام کے لئے حاضر تھیں۔جب ان کی نظر محترمہ سعادت خاتون پر پڑی تو آپ ان کی تعظیم کے لئے کھڑے ہو گئے دوسری بیویوں نے جو خود کو آپ سے مرتبے میں اونچا سمجھتی تھیں اس بات کا برا منایا خاص طور پر سلطان حسین لنکا کی بیٹی بی بی تنکی کو بہت ناگوار گذرا کیونکہ وہ خود کو شاہزادی ہونے کے سبب سب سے فائق سمجھتی تھیں۔یہ سب ایک دوسرے سے مارے حسد کے کہنے لگیں آخر سعادت خاتون میں کیا خصوصیت ہے کہ آپ اس کی تعظیم کے لئے کھڑے ہو گئے اور آخر ان کو اتنی اہمیت کیوں دی گئی۔ان بیویوں کی یہ گفتگو حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ نے سنی تو فرمایا کہ سعادت خاتون کی شکم میں ایک قطبِ وقت کا نطفہ قرار پائے گا اور عنقریب اس کا ظہور ہو گا اس لئے مجھے اس کی تعظیم بجا لا نے کا حکم دیا گیا ہے۔
روایت ۲ ؎ ایک روز حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ خانقاہ شریف میں حاضرینِ مجلس کے سامنے حقائق و معارف کا درس دے رہے تھے اس مجلس میں مخدوم سید ناصر الدین محمود کی زبان سے علمی مباحث کے ضمن میں طالبِ علما نے شوخی کی بنا پر درسی بات نکل گئی جو حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ طبع سالی پر گراں گزری آپ نے چھڑی اٹھا کر چاہا کہ انہیں تادیب کریں مخدوم سید ناصر الدین محمود نے فوراً اپنی پشت سے کپڑا اٹھا دیا اور زمین پر لیٹ چت گئے اچانک حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کی نگاہ غیب نے ان کی پشت میں ایک بابرکت وجود کی جھلک دیکھی آپ نے فوراً عصا ہاتھ سے پھینک دیا اور اسلام علیکم کہا اور معذرت کرنے لگے اور دیر تک بڑے ادب کے ساتھ کھرے رہے اور آپ کی زبانِ مبارک سے یہ الفاظ صادر ہوئے ۔ ’’ اللہ اکبر ’’ایک قطب پیدا ہو گا جو نہ صرف قطب ہے بلکہ معدنِ اقطاب ہے ‘‘ پھر اپنا دست مبارک ان کی پشت پر پھیر کر اپنے چہرے پر ملا۔
روایت ۳ ؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی پیدائش سے قبل اور احمد آباد شہر کی بنیاد پڑنے سے پہلے کا واقعہ ہے کہ حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ قرآن مقدس کی اس آیت کریمہ کے مصداق کہ ’’ سَنُرِیْھِمْ آیَاتِنَا فِیْ الْآفَاقِ ‘‘
(ہم زمین کے مختلف گوشوں میں انہیں اپنی قدرت کے نشانات دکھائیں گے )گجرات کے علاقے کی سیر و سیاحت فرماتے ہوئے غزنوی مسجد جو آج کل احمد آباد میں نعل بندوں کی مسجد کے نام سے مشہور ہے۔اور وہاں شہر کے لوگ چراغ جلاتے اور پھول چڑھاتے ہیں اور عوام میں اور دکانداروں میں جو جھگڑے رونما ہوتے ہیں ان کے بارے میں اس مسجد میں قسم کھاتے ہیں اور یہیں اپنے معاملات طے کرتے ہیں۔
حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ نے اس مسجد میں ایک شب اعتکاف فرمایا اور یہاں سے بٹوا تشریف لے گئے اور عشا کی نماز کے بعد اس مقام پر رات بسر کی جہاں اب حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کا مزار ہے۔ نماز فجر ا اور اشراق کی نمازیں آپ اسی مقام پر ادا فرمائی اور صبح کو روانگی کے وقت وہاں سے کچھ مٹی اٹھا کر اسے سونگھا اور اُچ شریف کی زبان میں فرمایا ’’ ایتھوں اساڈے ہاڈ کند ہاسین ‘‘ یعنی اس پاک سرزمین سے ہماری ہڈیوں کی خوشبو آ رہی ہے۔ پھر اپنے ساتھیوں سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ اس خاک کی زیارت کریں اور حضورِ حق تعالیٰ میں اس مٹی کے توسل کریں کیونکہ میں اس سرزمین میں حق تعالیٰ کی تجلّیات کا مشاہدہ کر رہا ہوں یہ مقام اقطاب کی کان اوور قطبیت کی معدن ثابت ہو گا۔
روایت ۴ ؎ حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ نے اپنا ایک چادر جسے اوڑھ کر آپ عبادت کیا کرتے تھے اور شب قدر کی برکات سے بہرہ ور ہوتے تھے او چادر آپ نے سعادت خاتون کو مرحمت فرمایا اور اپنے فرزند سید ناصر الدین محمود سے فرمایا ’’ میرے وصال کے چار سال سات ماہ اور چار دن بعد سعادت خاتون کے بطن سے تمہارے ہاں ایک لڑکا جنم لے گا جو برا نیک بخت اور سعادت مند ہو گا یہ چادر اسے دے دیں اور اس کا نام برہان الدین رکھیں وہ قطب الاقطاب اور مقامِ عبدیت پر متمکن ہو گا۔مقامِ عبدیت اصحابِ تصوف اور اربابِ معرفت کی اصلاح میں سلوک کی سب سے ارفع و اعلیٰ منزل ہے اور اسی بنا پر قطب الاقطاب کو ’’ عبد اللہ کہا جاتا ہے ’’ اور اس سے بڑھ کر دوسرا کوئی مقام صوفیاء کے نزدیک نہیں ہے۔جیسا کہ حق تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کے بارے میں خبر دی کہ۔
سبحان الذی اسریٰ بعبدہٖ(پاک ہے وہ ذات جس نے رات کے وقت سیر کرائی اپنے بندے کو)ایک دوسری جگہ فرمایا
وانہ لمّا قام عبد اللہ (جب کھڑا ہوتا ہے اللہ کا بندہ) نیز آپ نے فرمایا سب سے پہلے اس چادر کا لباس اس بچے کو پہنائیں کیونکہ یہی چادر میرے جسم پر تھی جب میں شب قدر کی دولت سے نوازا گیا ’’ پھر فرمایا کہ اس خاندان عزت و شرافت کے تمام اسرار اور حقائق کا سرچشمہ بھی لڑکا ہو گا۔
روایت ۵ ؎ شیخ جمال اُچّی کے پوتے جن کا نام شیخ مونکر تھا اور جو اوتاد میں سے تھے اور تیس برس سے مخلوق سے کنارہ کش ہو چکے تھے اور تنہائی اور گوشہ گیری کی زندگی بسر کر رہے تھے اور عید گاہ کے منارے پر مشغول عبادت رہتے تھے۔حضرت قطب الاقطاب رحمۃ اللہ علیہ کی پیدائش کی رات تصوف و سلوک کی منزلِ مقصود تک ان کو رسائی حاصل ہوئی اور شیخ کے صاحبزادے نے فرمایا یہ نعمت حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے وجود کی برکت سے حاصل ہوئی چنانچہ شیخ منارے سے اتر کر بڑی تیزی سے اُچ شریف روانہ ہو گئے اور شہر میں شور ہو گیا کہ شیخ نے تیس برس کے بعد حجرے سے قدم باہر نکالا۔اہل شہر نے پوچھ تاچھ شروع کی اور آپ سے دریافت کیا تو آپ نے فرمایا کہ آج سید ناصر الدین محمود کے ہاں سعادت خاتون کے بطن سے ایک لڑکا پیدا ہوا ہے جو اپنے وقت کا قطب اور لیلۃ القد ر کی فیض و برکات کا حامل ہے اور اسم اعظم کی تجلیات کا وارث ہے مجھے حکم ہوا ہے کہ میں اُچ شریف جاؤں چنانچہ آپ سیدھے سید ناصر الدین محمود کے آستانے پر تشریف لے گئے وہاں پہنچ کر آپ نے حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کو گود میں لیا اور ان کے پاؤں چومے اور اپنی سفید داڑھی کو ان کے قدموں سے لگایا اور فرمایا یہ بچہ بڑا ہو کر نہ صرف قطب ہو گا بلکہ یہ تو کانِ اقطاب ہے اور اس کی نسل سے ایسے ایسے گراں بہا موتی پیدا ہوں گے جن میں سے ہر ایک اپنے وقت کا قطب ہو گا۔

ان حالات کا بیان جو حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی پیدائش کے بعد بچپن میں رونما ہوئے یہ کل انچاس(۴۹) واقعات ہیں

روایت ۱؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی پیدائش حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کی پیشگوئی کے مطابق ان کے وصال سے ٹھیک چار سال سات ماہ اور چار دن بعد ہوئی۔ آغاز صبح کا ہنگامہ تھا رجب کی چودہ ۱۴ ؎ تاریخ تھی اور سنہ ہجری ۷۹۰؁ ھ تھا آپ اُچ شریف میں پیدا ہوئے آپ کے حق نویش کانوں میں پہلے پہل اذان آپ کے والد محترم خواجہ ناصر الدین محمود نے دی۔
روایت ۲؎ آپ کی پیدائش کے تین روز بعد آپ کو دودھ پلانے کے لئے ایک دایہ کو ملازم رکھا گیا اس دایہ نے اور دوسرے لوگوں نے بہت کوشش کی کہ آپ اس عورت کا دودھ پیئیں مگر آپ نے اس عورت کے پستانوں کو منھ نہ لگایا تحقیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ عورت گانے بجانے والیوں میں سے ہے آپ نے صرف اپنی والدہ ماجدہ کا دودھ پیا آپ کے اوپر لباس وہی چادر تھا جو حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے پسینے سے شرابور تھا اور جسے پہن کر حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ لیلۃ القد رکی برکات سے بہرہ اندوز ہوتے تھے اور جسے آپ نے اپنی خلافت کے نشان کے طور پر حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی پیدائش سے قبل ہی آپ کے والد ماجد کے سپرد کر دیا تھا کہ یہ چادر حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی کے لئے ہے جبکہ پہلے گزر چکا۔
روایت ۳ ؎ رجب المرجب ۷۹۰؁ھ کی ستائیس (۲۷)تاریخ کو کہ شب معراج بھی ہے آپ کی عمر مبارک صرف تیرہ روز کی تھی اس مبارک رات کو طلوع صبح کی روشنی کی طرح کا نور آسمان کی جانب سے حضرت خواجہ قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی خواب گاہ کی طرف آتا تھا اور آپ گہوارے میں لیٹے ہوئے فصیح و بلیغ زبان میں فرما رہے ہیں ’’ ضیاء ھٰذا المصباح النور من ضوء المصباح ‘‘ اس چراغ کی روشنی صبح کی روشنی سے زیادہ تابناک ہے۔
روایت ۴ ؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ شیر خوارگی کے زمانے میں ایک رات اپنی والدہ ماجدہ کے آغوش میں تھے کہ اچانک آسمان سے ایک روشنی حضرت سید صر الدین محمود کے گھر میں اتری جس سے شہر اکثر گھر بھی منور ہو گئے اہل شہر یہ ماجرہ دیکھ کر حیران رہ گئے اور صبح کو تحقیق حال کے لئے آپ کے گھر کی جانب آئے کہ رات کی روشنی کا سبب معلوم کریں۔
روایت ۵ ؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی عمر پانچ برس کی ہوئی تو آپ نے اپنے والدِ بزرگوار سے دریافت کیا کہ حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے خرقہ ہائے تصوف میں سے کوئی خرقہ آپ کے پاس ہے آپ نے فرمایا کہ حضرت مخدوم کو سائل کی آواز سے زیادہ کسی کی آواز اچھی نہیں لگتی اس لئے وہ اکثر اپنا لباس سائل کو دے دیا کرتے تھے چنانچہ ایک شاعر آپ کی اس فیاضی کے بارے میں کہا ہے۔
گویا یہ عاشق خبر اصل می رسد = ہر کہ بگوش اور سد از سائلے سوال
جس طرح عاشق کو معشوق کے وصال کی خبر سن کر خوشی حاصل ہوتی ہے یہی حال حضرت مخدوم رحمۃ اللہ علیہ کا سائل کی آواز سن کر ہوتا ہے ’’ جو کچھ آپ کے پاس ہوتا تھا سب محتاجوں پر صَرف فرما دیتے تھے اس لئے کوئی چیز آپ کے پاس نہیں رہتی تھی البتہ آپ کے لباس میں سے دو خرقے باقی بچے تھے۔آپ کے ذمّے ایک تاجر کا اسّی ہزار(۸۰۰۰۰)روپیہ قرض تھا۔ دھلی میں سب نے سلطان فیروز سے کہا کہ تم حضرت کے عقیدت مند اور مرید ہو اس تاجر کی رقم ادا کر کے ایک خرقہ تم لے لو سلطان نے بخوشی یہ سودا قبول کر لیا اس تاجر کو جب اس بات کی اطلاع ہوئی تو وہ میرے پاس آیا اور قرض کی دستاویز دیکر کے وہ خرقہ مجھ سے لے لیا اور اپنے ساتھ خراسان لے گیا میں سمجھتا ہوں وہ تاجر بڑا خوش نصیب تھا جس نے اتنا سستا سودا کیا اب ایک خرقہ باقی رہ گیا وہ تمہارے سپرد کر دوں گا۔
حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا میں جب کبھی حضرت والا محترم کی خدمت میں حاضر ہوتا تو ان سے پوچھتا کہ کیا آپ نے کبھی وہ خرقہ پہنا ہے۔ایک روز میں نے دیکھا کہ آپ نے وہی خرقہ پہن رکھا ہے آپ نے اسے اتار کر عاجز دعاگو کو پہنا دیا اور حکم دیا کہ میں فیروز آباد قلعہ کے راستے سے ہو کر حضرت مخدوم رحمۃ اللہ علیہ کے مزارپر حاضری دوں اور وہاں سے گھر جاؤں چنانچہ میں نے ایسا کیا۔ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ نے مزید فرمایا کہ یہ وہ بابرکت خرقہ ہے جسے پہن کر حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کو بسا اوقات کشف ہوا ہے۔اور اکثر و بیشتر کرامات کا ظہور اسی لباس میں ہوا ہے۔اور لیلۃ القدر کی فیض و برکات بھی اسی دوران حاصل ہو ئی ہیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو بھی اس کی برکات سے بہرہ ور فرمائے یہ مبارک خرقہ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے صاحبزادے محمود کو مرحمت فرمایا۔
روایت ۶ ؎ بچپن میں حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ جب چھ برس کے ہوئے تو آپ اپنے بعض رشتہ دارو ں کے ہمراہ شیخ مبارک کے مرید شیخ مونکر (جو شیخ جمال کے پوتے تھے )کی زیارت کے لئے اُچ شریف کی عید گاہ تشریف لے گئے شیخ مونکر عید گاہ کے جنوبی منارے پر قیام فرماتے اور اس وقت نیچے ایک درخت کے سائے میں بیٹھے ہوئے تھے اور شیخ موصوف کے سامنے ایک پختہ اینٹ رکھی تھی جس پر لیموں کاٹ کر مریدوں کو دیتے تھے جب شیخ نے قطب الاقطاب کو دیکھا تو آداب بجا لائے اور حاضرین کی طرف متوجّہ ہو کر فرمایا اِس شخص کو حضور نبی کریمﷺ کے ساتھ عقیدت و محبت کا وہ تعلق ہے کہ یہ اپنے دور کا اویسؔ قرنی ہے۔
روایت ۷ ؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میری عمر نو برس کی تھی کہ دل میں یہ آرزو کروٹیں لینے لگی کہ کاش اگر میں حضورﷺ کے شیدائیوں میں ہوتا تو حضورﷺ سے کفش برداری کی اجازت مانگتا اور اس سعادت سے بہرہ یاب ہوتا انہیں ایام میں حضورﷺ کی زیارت سے مشرف ہوا کیا دیکھتا ہوں کہ شہنشاہِ رسالت اور تاجدار شریعتﷺ تشریف لائے ہیں اور آ کر میرے پاس کھڑے ہو گئے۔میں نے اپنا سر حضورﷺ کی نعلین پاک پر رکھ دیا حضورﷺ کے نعلینِ مبارک نہایت عمدہ اور نفیس بنے ہوئے تھے اور اس قدر ہلکے تھے کہ وزن کیا جائے تو سولہ درہم سے زیادہ وزن نہ ہو گا حضورﷺ کے نعلینِ مبارک سے مشک و عنبر کی خوشبوئیں اٹھ رہی ہیں اور حضورﷺ کے دونوں پاؤں مبارک کے درمیان صرف اتنا فاصلہ ہے کہ اس اس عاجز کی ناک ان کے درمیان آ سکتی ہے۔اپنی پیشانی اور رخساروں اور آنکھوں کو حضورﷺ کے نعلینِ مبارک پر رکھے ہوئے میں دیر تک روتا رہا حتیٰ کہ اس عاجز کے آنسو سے حضورﷺ کے نعلینِ مبارک نم ہو گئے اور میری دستار اور میرا چہرہ حضور کے پاپوش مبارک کے لمس سے معطر ہو گیا اور دیر تک میں خوشبو محسوس کرتا رہا۔
روایت ۸ ؎ جب حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی عمر مبارک دس برس کی ہوئی تو آپ کے والد اور پیرو مرشد حضرت مخدوم سید ناصر الدین محمود رحمۃ اللہ علیہ کی وفات کے آثار نمودار ہوئے۔معتبر راویوں سے یہ بات سننے میں آئی ہے کہ آپ کے فرزندوں کی مجموعی تعداد ایک سو بیس(۱۲۰)تھی۔آپ نے ان سب کو بلا کر فرمایا کہ حضور نبی کریم ﷺ کے اس ارشاد کے بموجب کہ ’’ ان اللہ یحب ان تعدلوبین اولاکم ‘‘ (اللہ کو یہ بات پسند ہے کہ تم اپنی اولاد کے درمیان عدل و انصاف کرو)گھر میں جو کچھ ذخیرہ کتابوں کا اور دیگر ساز و سامان ہے اس کی مناسب تقسیم ہو جائے اور چھوٹے بھائیوں کے حصّہ رسدی کو ان کے سپرد کر دیا جائے۔صاحبزادوں میں سے ایک نے عرض کیا کہ چھوٹے بھائی چونکہ اپنے حصہ اسدی کی دیکھ بھال نہیں کر سکیں گے اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ ہمارے سروں پر تا دیر قائم رکھے تاہم میں وعدہ کرتا ہوں کہ ان کی تربیت کا خاص طور پر خیال رکھوں گا اور ان کی تعلیم و تربیت اور ان کے روزگار کا مناسب اہتمام کروں گا۔اس دوران میں حق تعالیٰ نے حضرت مخدوم سید ناصر الدین محمود رحمۃ اللہ علیہ کو حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی عظمت سے مطلع فرما دیا مگر آپ کی کم عمر ی اور نا تجربا کاری کو دیکھ کر حضرت مخدوم رحمۃ اللہ علیہ کا جی بھر آیا اور آبدیدہ ہو گئے۔ جب اس واقعہ کی خبر حضرت سید صدر الدین المعروف راجو قتال’’ راجو کو پہنچی جو حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ خلیفۂ اعظم۔آپ کے مریدِ خاص اور آپ کے حقیقی چھوٹے بھائی تھے۔جب انہیں پتہ چلا کہ ان کے بھتیجے کی حالت نازک ہے اور دم واپسی ہے اور کچھ پریشان نظر آ رہے ہیں اور غمگین و آبدیدہ ہیں تو آپ فوراً وہاں پہنچے اور بچشمِ خود آ کر آپ کی حالت دیکھی تو انہیں خیال ہوا کہ شاید موت کے غم میں پریشانی لا حق ہوئی ہے۔اُوچ شریف کی زبان میں بطورِ تسلّی فرمانے لگے۔سید محمود خوش نہو اینہا مندائی اولیاں خیرکائی۔یعنی غم مت کرو بلکہ خوش ہو جاؤ کہ اس دنیا کی نسبت وہاں بہتر رہے گا پھر یہ آیت تلاوت کی۔
الا ان اولیاء اللہ لا خوفٌ علیہم ولاھم یحزنون۔(یاد رکھو کہ اللہ کے دوستوں کو کوئی خوف اور غم نہ ہو گا )۔
حضرت محمود نے فرمایا عم محترم ! موت کا غم نہیں ہے کہ موت تو وصال یار کا ذریعہ ہے جبکہ ارشادِ نبوی ہے کہ۔
الموت جسریوصل الحبیب الی الحبیب۔(موت ایک پل ہے جو عاشق و معشوق کو ملا دیتا ہے) ہاں برہان الدین کا غم ہے کہ اس کی تربیت کیسے ہو گی۔ حضرت راجو قتال نے فرمایا۔اگر اجازت دو تو میں وہ ساری دولت جو میں نے حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ سے حاصل کی ہے۔برہان الدین کی نذر کر دوں اور خود ایسا ساتھ یہ بھی فرمایا کہ میں نے جو کچھ حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ سے فیض حاصل کیا ہے۔ وہ قطب العالم کو سونپتا ہوں آپ بھی اپنے تمام فیوض اس کو عطا کر دیں۔جب دونوں جلیل القدر بزرگوں نے اپنے اپنے فیوض و برکات حضرت قطب العالم کو مرحمت فرا دیئے تو حضرت شاہ راجو قتال نے حضرت قطب العالم کو اپنے دائیں کاندھے پر بٹھا لیا اور سیدھے حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے آستانے پر حاضر ہوئے اور توجہ باطنی سے وہ تمام اسرار اور رموز اور علومِ معارف کہ جو زندگی بھر میں آپ نے حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ سے حاصل کیئے تھے سب کے سب حضرت قطب العالم کے دل پر القاء فرما دیئے اور یوں ارشاد فرمایا کہ اہل گجرات کے کم عقل لوگوں کی اصلاح آپ کے ذمّے ہے۔ خوش بختی اور سعادت مندی کے ساتھ گجرات کے علاقے میں جاؤ کیونکہ تمہاری قطبیت کا ظہور اس علاقے کے لئے مقدور ہو چکا ہے۔تمہاری تربیت تمہارے بھائیوں کے ہاتھوں نہیں ہو گی بلکہ تمہارے بھائیوں کی اولاد گجرات پہنچ کر خود تم سے مستفیض ہو گی اور دنیا و آخرت کی سعادتوں کا فیض وہ لوگ تم سے حاصل کریں گے مزید بر آں وہ تین ظاہری نعمتیں جو کہ مجھے حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ سے حاصل ہوئی تھیں وہ بھی تمہیں دیتا ہوں ایک تو حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کا خرقۂ خاص۔دوسرے مال و دولت کی دیگ۔تیسرے دودھاری تلوار۔پھر حضرت شاہ راجو قتال نے حضرت قطب العالم کے حقیقی بھائی سید علاء الدین سے مخاطب ہو کر فرمایا تم ہندوستان چلے جاؤ اور حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے علوم و معارف اور آپ کے انوار و فیوض کو ہندوستان کی سرزمین میں پھیلا دو وہاں کے بادشاہ تمہاری پالکی کو کاندھے پر اٹھانا اپنے لئے باعث فخر سمجھیں گے۔اس کے بعد آپ نے حضرت سید ناصر الدین محمود رحمۃ اللہ علیہ کو جن کا دم نزع میں تھا آ کر تسلی دی اور فرمایا برہان الدین کی جانب سے مطمئن رہو میں نے اپنے حصہ کی تمام چیزیں جو مجھے حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ سے ملی تھیں اس کے سپرد کر دیں ہیں۔
شعر
دولت را کہ بنا شد غم از آسیب زوال
بے تکلف بشنو دولت درویشان ہست
جس دولت کو کبھی زوال کا اندیشہ نہیں ہے صاف صاف سن لو وہ صرف درویش کی دولت ہے۔
روایت ۹ ؎ سید السادات حضرت سید صدر الدین راجو قتال رحمۃ اللہ علیہ حضرت سید ناصر الدین محمود رحمۃ اللہ علیہ کے وصال کے بعد ایک روز نماز اشراق ادا کرنے مسجد تشریف لے گئے ان کے ہمراہ قطب العالم اور آپ کے دوسرے بھائی سید علاء الدین اور سید عبد الحق بھی تھے آپ نے تینوں بھائیوں کو صحن میں بٹھا دیا اپنے جوتے حضرت قطب العالم کے سپرد کئے اور باقی چیزیں دوسرے بھائیوں کے حوالہ کیں اور خود نماز کے لئے مسجد کے اندر تشریف لے گئے جب واپس تشریف لائے تو دیکھا کہ حضرت سید قطب العالم آپ کے جوتوں کو کبھی سر پر رکھ رہے ہیں کبھی آنکھوں سے لگاتے ہیں کبھی سینے پر رکھتے ہیں آپ نے یہ منظر دیکھ کراُچ شریف کی زبان میں فرمایا۔
تہاڈا ڈاڈا ملک نہیں رکھدا مال نہیں رکھدا ہیک رکھدا سو تساں ڈینا ہے۔
یعنی تمہارا دادا ملک و مال نہیں رکھتا ایک خدا کی ذات رکھتا ہے سو وہ تمہیں دیتا ہوں۔
روایت ۱۰ ؎ حضرت سید ناصر الدین محمود رحمۃ اللہ علیہ نے ۲۲؍ رمضان ۸۰۱ھ؁ میں جہان فانی سے عالمِ آخرت کی طرف کوچ فرمایا اس کے کچھ عرصہ بعد ہی ۸۰۲ھ؁ کے آغاز میں حضرت قطب العالم بھی گجرات کے سفر پر روانہ ہو گئے اس زمانہ میں گجرات کا دارالحکومت شہر نہرولہ تھا جو پٹن کے نام سے مشہور ہے۔جب حضرت قطب العالم پٹن کے قریب پہنچے تو حضرت شیخ رکن الدین جو حضرت بابا فرید الدین گنج شکر کے نواسے تھے آپ کا استقبال کیا۔آداب و تعظیم بجا لانے کے بعد اپنی خاص حویلی میں آپ کو ٹھہرایا گجرات کے تمام مشائخ بھی تعظیم کے لئے حاضر ہوئے ان حضرات کو ان کے نور باطنی سے یہ علم ہو گیا تھا کہ جب حضرت قطب العالم گجرات کے علاقہ پر اپنی تجلیات کا سایہ ڈالیں تو اس علاقے کے تمام مشائخ جب حضرت قطب العالم کے احکام کی تعمیل کریں اور انکی زیارت سے مشرف ہو۔ان بزرگ میں سے ایک یگانۂ روزگار بزرگ حضرت سید شرف الدین مشہدی بھی تھے بہروچ /بھروچ کے خطہ کے پیرو مرشد تھے ان کو بھی حکم ہوا کہ پیری مریدی کا سلسلہ بند کر دیں۔حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ نے ان کے بارے میں فرمایا تھے کہ شرف الدین ہمارے دین کی آبرو ہے۔حضرت شرف الدین نے اعلان فرمایا کہ اب جبکہ گجرات میں حضرت قطب الاقطاب رونق فرما ہیں کسی کو پیری مریدی کا سلسلہ جاری نہیں رکھنا ہے اور سب کو ان کی زیارت کے لئے پٹن جانا چاہیئے اور خود بھی پٹن کے لئے روانہ ہو گئے۔ راستے میں جب سرخیز پہنچے تو مشرق و مغرب کے مخدوم حضرت احمد گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ سے ملاقات کے لئے وہاں اتر پڑے۔دونوں بزرگ آمنے سامنے بیٹھ گئے اور ایک دوسرے کو اپنا آئینہ بنا کر اسماء و صفاتِ الٰہیہ کی تجلیات کا مطاعہ فرمانے لگے رات بھر اسی حالت میں بیٹھے رہے جب صبح ہوئی تو از سرِ نو وضو فرما کر نماز ادا کی جو کہ مومنوں کی معراج ہے اور اس کے بعد بالاتفاق یہ طے کیا کہ قطب العالم کے یہاں پہنچنے کے بعد ہم کسی کو اپنا مرید نہیں بنائیں گے اور پھر وہاں سے رخصت ہو کر پٹن تشریف لے گئے۔
روایت ۱۱ ؎ جب حضرت قطب العالم نہرولہ(پٹن )پہنچے اور آپ کی آمد کی خبر سلطان مظفر دالیِ گجرات کو ہوئی جو حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کا مرید بھی تھا تو اس نے پوچھا کہ گجرات میں ان کی تشریف آوری کا مقصد کیا ہے۔
صبح تو آپ سے ملنے غرض سے چلا تو راستے میں دل میں تین باتیں سوچیں اور کہنے لگا اگر یہ تینوں باتیں ان میں موجو د ہوئیں تو میں سمجھوں گا کہ آپ واقعی حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند ہیں ورنہ نہیں۔
(۱)ایک تو یہ کہ جہاں آپ تشریف فرما ہوں گے مجھے وہیں بلائیں گے اور خود میرے استقبال کے لئے نہیں آئیں گے (۲)دوسرے یہ کہ کھانے کے لئے جو کچھ حاضر ہو گا وہی کچھ پیش فرمائیں گے (۳)تیسرے یہ کہ رخصت کے وقت اپنی دستارِ مبارک عنایت فرمائیں گے۔سلطان جب دریا کے قریب پہنچا تو قطب العالم کی والدہ ماجدہ نے آپ سے پوچھا بیٹا سلطان کی نیت معلوم ہوئی عرض کی جی ہاں تین باتیں اس نے سوچ رکھی ہیں والدۂ محترمہ نے فرمایا اپنی دستار اس کو مت دینا جب بادشاہ آپ کے مکان کے دروازے پر پہنچا تو کچھ لوگوں نے عرض کیا کہ اس ملک کا رواج ہے کہ جب بادشاہ مشائخ کے آستانے پر حاضر ہو تو چند قدم آگے بڑھ کر اس کا استقبال کیا جائے لیکن حضرت قطب العالم اپنی جگہ تشریف فرما رہے۔سلطان خدمت میں حاضر ہوا اور آداب بجا لا کر آپ کے سامنے مؤدب ہو کر بیٹھ گیا حضرت قطب العالم نے کھانا طلب کیا اور بادشاہ سے کہا فقیروں کی ساگ روٹی حاضر ہے تناول فرمایئے بادشاہ نے بڑی رغبت اور نیاز مندی کے ساتھ اور متعجب ہو کر کھانا شروع کیا جب کھانے سے فارغ ہوئے تو بادشاہ اس انتظار میں تھا کہ اب تیسری بات بھی پوری ہو گی اور کب آپ اپنی دستارِ مبارک اسے دیں گے کہ اچانک آپ نے فرمایا فقیروں کی دستار تمہارے لائق نہیں ہے۔سلطان کو اپنی تینوں باتوں کا جواب مل گیا اور حضرت قطب العالم کی عظمت و ہیبت اس کے دل میں جا گزیں ہو گئی اور پا بوسی کر کے رخصت ہوا۔
روایت ۱۲ ؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ پٹن پہنچنے کے بعد مولانا شیر علی کے مدرسہ میں جو کہ اپنے زمانے کے بہت بڑے عالم اور بہت زیادہ پرہیز گار شخص تھے ان کی خدمت میں رہ کر تحصیل علم میں مشغول ہو گئے۔جب عمرِ مبارک سن بلوغ کو پہنچی تو حضرت خواجہ رکن رحمۃ اللہ علیہ کان شکر نواسۂ حضرت گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ نے ایک خط خداوند خاں صدیقی کے نام ارسال کیا جو سلطان کا وزیر تھا اور اشعار میں سلطان مظفر کی بیٹی کا رشتہ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے لئے طلب فرمایا اور شیخ عزیز الدین کے ہاتھ جو آپ کے خاص مرید اور خلیفہ تھے شربت اور پان لے کر بھیجا جو یہاں منگنی کی رسم سمجھی جاتی تھی۔شیخ عزیز الدین نے وہ خط اور شربت وغیرہ خداوند کی خدمت میں پہنچایا۔ خان موصوف نے اس خط کو سرپر رکھا اور جواب م،یں لکھا کہ سلطان حضرت قطب الاقطاب خواجہ مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کا غلام اور ان کا مرید ہے یہ بڑی خوش نصیبی ہے کہ وہ اس نسبت سے مشرف ہو کہ یہ بادشاہ کے لئے باعثِ فخر ہے البتہ اس امر میں دو باتیں مانع ہیں ایک تو یہ کہ بادشاہوں کے مزاج نازک ہوتے ہیں۔دوسرے یہ کہ بادشاہ کی بیٹی بزرگوں کے حقوق و آداب کا پاس نہیں رکھ سکے گی۔اگر اس غلام کی کو کنیز کے طور پر قبول فرمائیں تو دونو جہان میں سرخرو ہوں گا اور دنیا و آخرت میں میرے لئے یہ رشتہ باعثِ عزت ہو گا چونکہ یہ دولت اس غلام کے نام لکھی ہوئی تھی اس لئے اسے شرفِ قبولیت سے نوازا گیا۔
روایت ۱۳ ؎ جب حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی شادی ہوئی تو جس کمرے میں خلوت کدہ بنایا گیا تھا اس کے ایک طاقچہ پر قرآن رکھا ہوا تھا جب حضرت اس کمرے میں تشریف لے گئے تو آپ کی نگاہ کیمیا اثر اس مصحف مقدس پر پڑی آپ نے از راہِ تعظیم مسہری پر قدم نہ رکھا اور رات بھر وہیں دست بستہ کھڑے رہے دوسری اور تیسری رات کو بھی یہی ماجرا ہوا جب تین راتیں اسی طرح گذر گئیں تو بعض محرم راز خدمت گذاروں نے جو اس کیفیت سے باخبر تھے اس واقعہ کی یہ توجیہ کی کہ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ وزیر زادی کے مرتبہ اور شان و شوکت سے مرعوب ہو گئے اور اس لئے اس کے قریب نہیں جاتے جب اس بات کی خبر وزیر خداوند خان کو پہنچی تو اس نے کہا جاؤ جا کر کمرے میں دیکھو وہاں قرآنِ پاک تو نہیں رکھا ہوا ہے تحقیق کی گئی تو پتہ چلا کہ واقعی اس کمرے میں قرآن پاک موجود ہے۔چنانچہ اس وہاں سے ہٹا دیا گیا جب چوتھی رات کو حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کمرے میں پہنچے تو دیکھا کہ قرآن پاک موجود نہیں ہے تب آپ نے اس کمرے میں قدم رکھا۔وزیر موصوف آپ کے مزاج سے واقف تھا اس لئے وہ اس بات کی تہ تک پہنچ گیا۔
روایت ۱۴ ؎ پٹن میں زمانۂ قیام میں جب حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی عمر چودہ برس کی تھی حضرت خواجہ سید محمد گیسو دراز حضرت خواجہ حضرت خواجہ رکن الدین کانِ شکر کی ملاقات کے لئے تشریف لائے جمعہ کا دن تھا جب انہوں نے حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کو دیکھا انہیں آپ سے والہانہ تعلق خاطر پیدا ہو گیا حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کو پیغام بھیجا کہ میں چند روز آپ کے ساتھ گذارنا چاہتا ہوں اور اپنے بزرگوں سے جو کچھ حاصل کیا ہے جی چاہتا ہے کہ آپ کے سپرد کر دوں حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے طبعی انکسار و تواضع کی بنا پر فرمایا کہ اس سے اچھی کیا بات ہو گی۔جب اس واقعہ کی خبر شاہ رکن الدین کو ہوئی تو انہوں نے حضرت گیسو دراز سے فرمایا کہ اس احقر کے علم کی رو سے اس سید زادے کو چھ برس کی عمر ہی میں کئی بزرگوں سے زیادہ مرتبہ و مقام حاصل تھا بلکہ اگر یہ کہوں کہ اس عمر میں آپ خواجہ اویس قرنی کے مقام پر فائز ہو چکے تھے تو قطعاً مبالغہ نہیں ہو گا اور آپ کے ہاں تو ابھی چالیس حجاب درمیان میں ہیں آپ ابھی اس سید زادے کے مرتبہ و مقام کو پہچانے نہیں۔جب چھ برس کی عمر میں یہ حالت تھی تو اب جبکہ عمر شریف چودہ برس ہو چکی ہے تو کیا مقام و مرتبہ ہو گا جب ایک چلّہ کھینچو گے تو اس سید زادے کی عظمت کا صحیح اندازہ ہو گا۔اور چلّہ کھینچنے کا جو کہا تو در اصل یہ ایک لطیف اشارہ تھا اس بات کی طرف کہ حضرت سید محمد گیسو دراز کی ہمدانی میں چالیس اشرفیاں بندھی ہوئی تھیں جب حضرت شاہ رکن الدین کے ارشاد کے مطابق چلّہ کشی کے لئے بیٹھے تو روزانہ ایک اشرفی فقیروں میں تقسیم کر دیتے تھے اور ہر اشرفی خیرات کرنے سے ایک حجاب اٹھ جاتا تھا انتالیسویں روز ان کی طبیعت پر اس قدر غلبۂ حال ہوا کہ حجرے کا دروازہ توڑ کر نکلے اور شہر سے باہر چلے گئے ایک اشرفی باقی بچی تھی حضرت شاہ رکن الدین نے فرمایا یہ ایک اشرفی ان کے بچوں کے کام آئے گی۔
روایت ۱۵ ؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی کم عمر ی کے زمانہ کا واقعہ ہے سید شرف الدین مشہدی نے اپنے صاحبزادگان کو کہ جو عمر میں حضرت قطب الاقطاب سے کہیں بڑے تھے حکم دیا کہ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت ہو جاؤ۔ید قطب الدین اور سید سعد اللہ نام کے دو بیٹوں نے بیعت ہونے میں پس و پیش کیا اور والد موصوف سے عرض کیا کہ ان کی ٹوپی ہمارے سروں پر ٹھیک نہیں آئے گی پھر ہم کس لئے ان کے مرید ہوں حضرت سید شرف الدین مشہدی نے بیٹوں کے اس عذر کو پسند نہیں فرمایا اور ان کے ہاتھ پکڑ کر حضرت قطب العالم کے پاس لے آئے اس وقت حضرت قطب العالم اتفاقاً شہر کنبھات میں ایک حوض کے کنارے تشریف فرماتے تھے سید صاحب موصوف کی جب حضرت قطب العالم کے چہرے پر نظر پڑی ایک خاص کیفیت کے ساتھ آپ ا ن سے التماس کیا کہ میرے ان بچوں کو بھی اپنے مریدوں کی فہرست میں شامل کر لیجئے حضرت قطب العالم مسکرائے اور فرمایا میری ٹوپی ان کے سر پر کیسے آئے گی اس بات کی ہیبت سے ان صاحبزادوں کے جسم پر لرزہ طاری ہو گیا خدا جانے حضرت قطب العالم کی اس مسکراہٹ میں کیا اعجاز تھا کہ بے اختیار ان کے منھ سے چیخ نکل گئی اور انہوں اپنے سر آنحضرت کے قدموں پر رکھ دیئے اور بیعت کی پُر زور درخواست کی حضرت قطب العالم نے اپنے سر مبارک سے دو ٹوپیاں اتار کر ان دونوں بھائیوں کو مرحمت فرمائیں دونوں سروں پر وہ ٹوپیاں اتنی کھلی اور فراخ تھیں کہ کان کی لو تک ان میں چھپ گئیں۔
روایت ۱۶ ؎ حضرت مخدوم شیخ احمد مغربی کہ جو قصبہ سرکھیچ سرخیز میں اقامت گزیں تھے اور ہدایت و ارشاد کا دروازہ عام مسلمانوں کے لئے آپ نے کھول رکھا تھا اور زبان مبارک سے فرمایا کرتے تھے کہ اس مجلس میں جو کوئی آئے گا نجات پا جائے گا۔جب اسی علاقے کی سرزمین حضرت قطب العالم کی تشریف آوری سے شرف ہوئی تو حضرت مخدوم نے اپنے خادمان بارگاہ سے فرمایا کہ حکمِ خداوندی کے بموجب سلسلۂ بیعت و ارشاد فی الحال جاری نہیں رہے گا اور مجھے حکم ہوا ہے کہ میں بیعت کی مقراض توڑ ڈالوں اور کسی کو مرید نہ بناؤں اور پھر اپنے خدامِ خاص کو حکم دیا کہ جو بھی آئے اسے حضرت قطب العالم کی خدمت میں بھیج دو۔
روایت ۱۷ ؎ خداوند خاں وزیر کی صاحبزادی سے شادی کے چند روز بعد حضرت قطب العالم پر عشق الٰہی کا جذبہ غالب آ گیا اور غیر حق سے تعلق بالکل منقطع ہو گیا آپ اندھیری راتوں میں شہر کے قلعہ کی چھت پر نکل آتے اور دوڑنے لگتے کبھی کبھی قلعہ کی اونچی چھت سے خود کو نیچے گرا دیتے لیکن اتنی اونچائی سے گرنے کے با وجود بھی بالکل صحیح و سالم اور چوٹ سے محفوظ رہتے خادموں نے ساری صورتِ حال وزیر مذکور سے بیان کی خان مذکور نے ایک زنجیر تیار کروا کے اور طشت میں رکھ کر آپ کی خدمت میں ارسال کی اور زنجیر لے جانے والے شخص کو ہدایت کی کہ حضرت قطب العالم کی خدمت میں اسے پیش کر کے خود قطعاً خاموش رہے اور منھ سے کچھ نہ بولے اور دیکھتا رہے کہ حضرت پر اس واقعہ کا کیا اثر ہوتا ہے حضرت قطب العالم نے اس زنجیر کو دیکھ کر تبسم فرمایا اور اُچ شریف کی زبان میں فرمایا’’ تساڈی دو ٹہو بیڑی شرعی قبول جیو ’’یعنی تمہاری دو شرعی زنجیر ہمیں قبول ہیں۔خادم پابوسی کر کے واپس ہو گئے اور ساری کیفیت وزیر خداوند خاں کو بتائی وزیر موصوف یہ سن کر بہت غمگین اور پریشان ہوا اور زنجیر بھیجنے کے واقعہ سے اس کو بہت خفت محسوس ہوئی۔
روایت ۱۸ ؎ جب حضرت بھیکن خان کی وفات ہوئی بی بی سلطانہ خاتون نے تعزیت کے ایام گذار کر پٹن جانے کی رخصت طلب کی تاکہ وہاں اپنے رشتہ داروں سے مل آئیں وہاں پہنچے ابھی آپ کو ایک ہفتہ گذرا تھا کہ آپ کا انتقال ہو گیا آپ کی قبر پٹن میں حضرت قطب العالم کی والدہ ماجدہ کے مزار کے پاس ہے۔اس واقعہ کے بعد حضرت قطب العالم اپنے دو صاحبزادوں حضرت شاہ محمد دریا نوش اور حضرت شاہ عالم کو ساتھ لے کر پٹن تشریف لے گئے۔اس واقعہ کے راوی سے یہ بات معلوم ہوئی کہ وزیر خداوند خاں نے حضرت قطب العالم کے پاس جب زنجیر بجی تو آپ کی زبان معجز سے یہ بات بے ساختہ نکلی تھی کہ ایک کے بجائے ہمیں تمہاری دوشرعی زنجیریں قبول ہیں وزیر موصوف کی صرف یہی ایک بیٹی سلطانہ خاتون تھیں وزیر خداوند خاں کے لڑکے کریم الدین کے ہاں بھی ایک بیٹی تھی جس کا نام بی بی دہنا تھا جب حضرت قطب العالم پٹن فاتحہ خوانی کے لئے تشریف لائے کریم الدین نے خواہش ظاہر کی کہ اس کی بیٹی کو آپ اپنے عقد میں لے لیں چنانچہ یہاں آپ کی دوسری شادی ہوئی اس بی بی کے بطن سے بھی آپ کے ہاں تین لڑکے پیدا ہوئے جو اپنے زمانے کے بہت بڑے متقی بزرگ تھے ان کے نام یہ ہیں (۱)حضرت سید محمد اصغر جن کا عرف شیخ محمد تھا (۲)سید محمد صادق (۳)سید محمد راجو اول الذکر دونوں بھائیوں کے مزار حضرت قطب العالم کے پہلو میں ہیں اور تیسرے صاحبزادے کا مزار قصبہ محمد آباد چانپانیر میں ہے یہ مزار بھی مرجع خلائق ہے۔
روایت ۱۹ ؎ امیر کبیر سید السادات حضرت سید عثمان شمع برہانی کے نام سے مشہور تھے اور جن کا آباد کیا ہوا قصبہ عثمان پورہ احمد آباد شہر کے مغرب میں واقع ہے اور ان کا مزار بھی اسی قصبہ میں ہے انہوں نے اپنی کتاب ’’مدارج المعارج ‘‘ میں یہ واقعہ لکھا ہے کہ ایک روز رات کو حضرت قطب العالم ملک صلاح الدین کی خانقاہ میں ذکر جہری فرما رہے تھے وجد کی کیفیت میں آپ چشم زدن میں پٹن کے اُچ شریف اپنے دا دا حضرت سیدالقطاب مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر پہنچ گئے اور پھر واپس تشریف لے آئے اس تیز رفتار سفر میں آپ کے بھانجے شیخ عیسیٰ بھی آپ کے ہمراہ تھے۔
روایت ۲۰ سلطان مظفر کے زمانۂ حکومت کا واقعہ ہے کہ ایک راجہ جو لشکر اور شان و شوکت کا مالک تھا سہسلنک کے تالاب کے کنارے ایک بہت بڑا کیمپ جیسا کہ عموماً بادشاہوں کا ہوتا ہے لگا کر فروکش تھا اور اپنے دربار کے باہر سونے کا ایک بت نصب کر رکھا تھا اس بت کے ہاتھ میں ایک بانسری مرصع بھی تھی جو کسی تیل وغیرہ کے ذریعے اس کے ہاتھ میں چپکا رکھی تھی ایک روز سلطان مظفر حضرت قطب العالم کی زیارت کئے بغیر ہی باہر سیر کے لئے نکل گیا اور اتفاقاً اس کا گذر اس راستے سے ہوا سلطان مظفر نے دیکھا کہ کافروں کا ایک بہت بڑا مجمع لگا ہوا ہے اور مشرک لوگ اس مندر ارد گرد جمع ہیں آپ نے راجہ سے اس بارے میں دریافت کیا راجہ گھوڑے سے اتر کر آداب بجا لایا اور عرض کیا کہ یہاں ایک بت ہے جس کے ہاتھ میں بانسریا ہے سلطان نے بطور مذاق اور دل لگی کے پوچھا کونسا ساز بجاتا ہے راجہ بڑی تیزی سے مندر کے اندر گیا اور وہاں سے واپس آ کر بتایا کہ سارنگ بجاتا ہے۔بادشاہ مظفر کو تعجب ہوا اور فرمایا یہ کیوں کر ہو سکتا ہے راجہ نے عرض کیا کہ آپ بانسری کسی ایسے شخص کے ہاتھ میں دیں جو موسیقی کے فن میں پوری مہارت رکھتا ہو اور جن سوراخوں پر اس بت کی انگلیاں ہیں انہیں سوراخوں پر وہ شخص انگلیاں رکھ کر پھونک مارے سارنگ کی دُ ھن ظاہر ہو گی چنانچہ ایسا ہی کیا گیا تو راجہ کی بات درست ثابت ہوئی بادشاہ نے اسے فوراً راجہ ناسارنگ کا خطاب مرحمت فرمایا دوسرے روز کافروں کی اس بات کا چرچا حضرت قطب العالم کے سمع ہمایوں تک پہنچا حضرت مسکرائے حاضرین مجلس میں سے ایک نے مسکرانے کا سبب دریافت کیا تو فرمایا بہت کم مدت میں وہ مقام خدائے واحد کی عبادت گاہ اور حضور نبی کریمﷺ کے غلاموں کے لئے گوشۂ امن و عافیت بن جائے گا چالیس روز نہیں گذرے تھے کہ راجہ مرگیا اور مندر کے تمام زر و جواہر لٹ گئے اور حویلی شاہی جاگیر کے طور پر ضبط کر لی گئی اور بادشاہ نے وہ تمام مکانات حضرت کی تحویل میں دے دیئے حضرت قطب العالم نے وہاں اقامت اختیار فرمائی اور عبادت حق میں مشغول ہو گئے۔
روایت ۲۱ ؎ حضرت قطب العالم کی عمر (۲۵)پچیس برس کی تھی(۸۱۵ ؁ھ)اور آپ کا قیام مذکورہ بالا حویلی ہی میں تھا محبت حق کا جذبہ آپ پر اس قدر غالب آیا کہ تمام نورانی اور ظلمانی حجاب آپ کی نظروں سے ہٹ چکے تھے اور قلب اس قدر صاف اور اجلا ہو چکا تھا کہ دیوار کے پیچھے سے گذرنے والا شخص بھی آپ کی نگاہوں سے چھپا نہیں رہتا تھا اور آپ کی ہر بن مو سے کبھی انالحق اور کبھی ان للہ کی آواز آتی تھی اور ہر شخص اس آواز کو سن سکتا تھا اس عالم میں حضرت نے تنہائی اور گوشہ نشینی اختیار فرمائی تھی اور اپنے نفس سے خطاب کرتے فرماتے تھے اے نفس اے شیطان کے استاد کیوں فریب دے رہا ہے میں تیری اس بات کا کبھی یقین نہیں کرنے کا۔حق تعالیٰ کی ذات انسانی اوصاف سے پاک ہے حق تعالیٰ کے لئے فنا نہیں ہے اور فانی چیزوں کی صفات کا اس کی باقی رہنے والی ذات کے ہاں گذر ممکن نہیں ہے اور اے نفس تیری تو یہ حالت ہے کہ تو اس وقت بھی موت کے پنجے میں ہے اور مخلوق کی تمام صفات میں پوری طرح گھرا ہوا ہے اگر تیری یہ بات اور یہ تیری حجت بازی راستی پر مبنی ہے تو ہم تجھے ابھی آزماتے ہیں اور اس دیوار کے اوپر تجھے حوض کے پتروں پر پھینکتے ہیں اگر تجھے اس گر نے سے کوئی گزند اور آزار نہ پہنچی تو تیری بات مان لیں گے کہ تو ہم سے فریب نہیں کر رہا ہے چنانچہ آپ ہر روز راجہ ناسارنگ کی حویلی کی دیوار پر کھڑے ہو کر اس کی بلندی سے خود کو سہسلنگ کے تالاب کے پتھروں پر گراتے تھے مگر کوئی زخم یا چوٹ نہیں لگتی تھی اور آپ کا جسم بالکل محفوظ رہتا تھا اسی کیفیت سے آپ نے اپنے دادا کے بھائی حضرت قطب ذولجلال امیر راجو قتال کو مطلع فرمایا اور لکھا کہ دار محترم حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے الطاف و عنایات اور والد بزرگوار کی خصوصی توجہات کی بدولت اس خاک پر بعض ایسی کیفیات گذری ہیں کہ زبان اس کے بیان سے قاصر ہے ان دنوں اس عاجز کی یہ حالت ہو رہی ہے کہ جسم کے ہر رگ و ریشہ سے کبھی انا الحق کی اور کبھی اناللہ کی آواز آتی ہے جو پاس بیٹھنے والوں اور خدام کو سنائی دیتی ہے اسی بنا پر میں نے لوگوں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔اور اسی وجہ سے میں نے بارہا خود کو پتھروں پر پٹخا ہے اور آگ میں کودا ہوں اور پانی میں خود کو گرایا ہوں محض اس لئے کہ اگر یہ سب کچھ جسمانی عوارض کے سبب یا شیطانی وسوسہ کی بنا پر ہو رہا ہے تو مجھے موت آ جائے میں جل جاؤں یا ڈوب جاؤں لیکن نہ موت آتی ہے اور نہ غرق ہوتا ہوں نہ آگ اپنا اثر دکھلاتی ہے اگر از راہِ عنایت حکم ہو تو لباس حضوری پہن کر حاضر خدمت ہو جاؤں ’’اس عریضہ کے جواب میں حضرت شاہ راجو قتال رحمۃ اللہ علیہ نے تحریر فرمایا ‘‘ بسم اللہ الرحمٰن الرحیم اسلام علیکم کے بعد کہ اہل اسلام کے نزدیک مسنون طریقہ ہے میرے فرزند سیدوں کے سردار سعادتوں کے سر چشمے طٰہٰ و یٰسین(یعنی حضور نبی کریمﷺ )کی اولاد کے لئے باعثِ فخر اور ان کی آلِ پاک کا نچوڑ۔پرہیزگاری کی معدنِ دیانت و امانت کی کان قطبیت کے آسمان کے سورج شیخ برہان الحق والدین اللہ تعالیٰ کی مدد ہر حال میں اس کے شامل ہے پر یہ بات واضح ہو کہ یہ دعاگو ہمیشہ ہر وقت اپنے اوقاتِ مخصوصہ میں فرزند عزیز کے لئے استقامت اور ثابت قدمی کی دعا کا طلبگار رہتا ہے اور آپ کو چاہیئے کہ اپنے مقام پر مضبوطی سے قائم رہیں اور اس دوران میں جو کیفیات ظاہر ہوں ان کو قطبیتِ کبریٰ کے آثار سمجھ کر مزید ترقیِ درجات کے لئے کوشاں ہوں والسلام۔
روایت ۲۲ ؎ مذکورہ بالا کیفیات ہی کے دوران کا واقعہ ہے کہ ایک روز ملک صلاح الدین کی حویلی کے گنبد کے اندر سے جو کہ سہسلنک کے تالاب پر پٹن کے قلع کے قریب واقع ہے حضرت قطب العالم ایک لمحہ میں وہاں سے اُچ شریف تشریف لے گئے اور اپنے بڑے بھائی سید فضل اللہ کے مکان پر دستک دی حضرت سید فضل ا للہ نے دستک کی آوز سنی اور انہیں محسوس ہوا کہ یہ آواز تو حضرت قطب العالم کی ہے تو ان کی آنکھوں کے سامنے سے نورانی حجاب ہٹ گئے اور فرط مسرت سے جھومتے ہوئے دروازے کی طرف لپکے جب حضرت قطب العالم نے اپنے بڑے بھائی کی کھڑاؤں کی آواز سنی تو آپ کے دل میں خیال آیا کہ یہ بات ظاہر ہو جائے گی اس لئے مناسب نہیں ہے۔فوراً وہیں سے واپس پلٹ آئے اور آتے وقت اُچ شریف کے دریا کا پانی اپنے ساتھ لیتے آئے پٹن پہنچ کر آپ نے وہ پانی اپنے گھر والوں میں تقسیم کر دیا۔
روایت ۲۳ ؎ مخدوم شیخ نصیر الدین جمال کہ جو حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی کی اولاد میں سے تھے اور قصبہ نو ساری میں قیام فرماتے تھے آپ حضرت گنج بخش مخدو شیخ احمد کھٹو مغربی سرخیزی سرکیچی کے ہا ں اکثر تشریف لاتے تھے اور ان سے فرمایا کرتے تھے کہ تمہاری بزرگی کس کام کی۔مجرد(غیر شادی شدہ)ہو اہل و عیال بھی نہیں رکھتے ہو پھر بھی ابھی تک اپنے نفس کی جانب سے خطرہ محسوس کرتے ہو اسی لئے تو بادشاہ اور دنیا داروں کے ہاں بھی نہیں آتے جاتے اور نہ ان کے تحائف قبول کرتے ہو آپ نے اپنا کوئی خلیفہ بھی نہیں بنایا نہ کسی شخص کی اس ڈھنگ پر تربیت فرمائی کہ بندگانِ خدا کو اس سے فیض پہنچتا اس کے برعکس ایک شیر مرد حضرت قطب العالم ہیں ذرا ان کے معاملے پر بھی نظر دالو کہ وہ ادنیٰ و اعلیٰ ہر ایک کے ہاں تشریف لے جاتے ہیں بلکہ اگر کوئی بڑھیا ان کو دعوت دے تو اس کے ہاں جانے میں بھی ان کو کوئی تامل نہیں ہوتا لوگوں سے ہدیہ قبول کرنے سے بھی انکار نہیں فرماتے اور اپنے صاحبزادوں اور پوتوں میں سے ہر ایک کو قطبیت کے مقام پر پہنچا دیا اور اپنے خلفاء کی انہوں نے اس انداز سے تربیت فرمائی کہ ہزاروں لوگ ان کے ہاتھ پر تائب ہو کر خدا تک رسائی حاصل کر چکے ہیں اور خدا رسیدہ بن چکے ہیں لوگوں سے میل جول اور اہل و عیال کی کثرت مچھر کے پر کے برابر بھی ان کی باطنی کیفیات کے راستے میں رکاوٹ نہیں پیدا کر سکتی۔
روایت ۲۴ ؎ ایک بار حضرت مخدوم شیخ نصیر الدین جمال جن کا ذکر ابھی ابھی گزرا ہے غلبۂ حال کی کیفیت میں ان کو حضرت قطب العالم کے مرتبہ کی بلندی اور ان کی عظمتِ مقام کے بارے میں کشف ہوا لیکن حضرت قطب العالم تواضع و انکساری کی بنا پر اور خلوص کی وجہ سے اس کا کبھی اظہار نہیں ہونے دیتے تھے شیخ نصیر الدین جمال کو اس بات پر بڑا تعجب ہوتا تھا بالآخر شیخ موصوف سے رہا نہ گیا اور انہوں نے ایک ہندی دوہرا لکھ کر حضرت قطب العالم کی خدمت میں ارسال کیا جو یہ تھا۔
اینس کھھکانا سنیاں نا بچن جہنکار۔ہوں تجھ پوچھوری سکھی کیوں رادیا بہر تہار
حضرت قطب العالم نے یہ دہرا پڑھ کر ایک دہرا اس کے جواب میں تحریر فرمایا آپ نے کہا
تہو سرنپور پائے منجہبنسل دھول اپار۔کانوں کان نجانیاں یو رادیا بر تہار
روایت ۲۵ ؎ ایک نئی دلہن حضرت کے عقد میں آئیں جن کا نام غالباً دولت بی بی تھا۔ایک روز حضرت قطب العالم ے اپنا سر مبارک منڈوا دیا تھا خاتون مذکور نے جب آپ کے سر مبارک پر بال نہ دیکھے تو بے ساختہ قہقہ مار کر ہنسیں اور گجراتی زبان میں کہنے لگیں میاں منڈے ہوئے۔یعنی آپ نے سر منڈوا دیا آپ نے جواب میں فرمایا ’’ اساں منڈے ہوئے ستیں بوکھی ہوئی ‘‘ یعنی ہمارا سر منڈا تمہارے منہ میں دانت نہ رہا اتنا کہنا تھا کہ ان کے تمام دانت گر گئے حتیٰ کہ منھ میں ایک بھی دانت باقی نہ بچا۔یہ دیکھ کر وہ بیگم صاحبہ گر گئیں اور رونے لگیں اور کہنے لگیں اب میں کھانا کیسے کھاؤں گی بعد میں دوسرے رشتہ داروں کے توسل سے آپ سے رحم کی التجا کی آپ نے فرمایا اب ارادہ بدلا نہیں جا سکتا البتہ ’’مسوڈوں ہاڈ توڑ سی ‘‘ یعنی مسوڑھوں سے ہڈیاں تک چبا لے گی چنانچہ وہ خاتون زندگی بھر سپاری وغیرہ اپنے مسوڑھوں سے توڑ لیتی تھیں اور لوگ جب کسی سخت چیز کو نہ توڑ سکتے تو آپ کے پاس لاتے آپ دانتوں کے بغیر ہی اسے توڑ دیتیں۔
روایت ۲۶ ؎ ببول کی لکڑی جو کہ خار دار ہوتی ہے خانقاہ کے صحن میں پڑی تھی ایک مرتبہ آپ تجدید وضو فرما کر نماز کے لئے تشریف لا رہے تھے اچانک اس لکڑی سے ٹکرا کر آپ کے پاؤں میں تکلیف ہو گئی پاؤں سے خون جاری ہو گیا دوبارہ وضو بنانے سے نماز کی ادائیگی میں قدر تاخیر واقع ہوئی بے اختیار آپ کی زبان مبارک سے یہ بات نکلی کہ لوہ ری۔یا لکری۔یا پتھر یا کیا ای‘‘ یعنی لوہا ہے یا لکڑی ہے یا پتھر ہے یا کیا چیز ہے۔ دن چڑھا تو لوگوں نے دیکھا کہ اس کی اصلی ہئیت تبدیل ہو چکی ہے اور زبان مبارک نے جیسے کہا تھا بعینہٖ ویسا ہی کچھ ہو گیا۔یہاں تک کہ آخر میں آپ نے جو یہ فرمایا تھا کہ یہ کیا چیز ہے تو آج تک جو بھی شخص اسے دیکھتا ہے بے اختیار سوال کرتا ہے کہ آخر یہ ہے کیا؟ آخر کار خادموں میں سے ایک نے سارا واقعہ تبدیلیِ ہیئت کا آپ سے بیان کیا آپ نے فرمایا اسے کسی گہرے کنوئیں میں دفن کر دو ، لوگوں نے تعمیل حکم کی، آپ نے فرمایا کہ جو شخص اس کو کنوئیں میں سے نکالے گا اس کی نسل دنیا میں نہیں چل سکے گی پھر ایک عرصہ کے بعد آپ کے فرزند گرامی حضرت شاہ پیر کے ایک خواجہ سرا (مخنث) مرید نے اسے وہاں سے نکالا اور اسے ظاہر کیا اس وقت جبکہ سنہ ہجری ۱۰۴۶؁ھ ہے یہ چیز موجود ہے اور اسی کے بارے میں ایک فاضل بزرگ نے کہا ہے۔
بہ سوئے حضرت بٹوا کن آہنگ ۔ کرامت جو زچوب و آہن وسنگ
بٹوا میں حضرت قطب العالم کے مزار کی زیارت کا ارادہ کر اور لکڑی لوہے اور پتھر کی کرامت دیکھ۔
حسب ذیل اشعار بھی کہ جن میں آپ کے آباء و اجداد کے ناموں کا بھی ذکر ہے اور ساس کرامت کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔
اسی ضمن میں شاعر کہتا ہے۔
شب مبارک معراج حضرت دادار ۔ بداد خلوت صفوت بسید ابرار
ازو بہ ساہ وصی زو بہ سید شہداء ۔ ازو بہ زین عبا دو بہ باقر اسرار
ازو بہ جعفر صادق ازوبہ کاظم غیظ ۔ ازوبہ شاہ خراساں امام سرّ و جہار
ازو بہ شاہ جواد ازوبہ ہادیٗ پاک ۔ ازو بہ جعفرثانی و اشقر انوار
ازو بہ سید عبد اللہ است ازو احمد ۔ ازو بہ سید محمود نیک یاد بدار
ازو محمد و جعفر ازو علی و جلال ۔ کہ شد منور ازو ہندی تیرگی آثار
ازو بہ حضرت سید کبیرِ دین احمد ۔ ازو بہ حضرت مخدوم قبلۂ احرار
جلال ملت و دیں نور دیدٔ احمد ۔ کہ شد مجد آثار احمد مختار
ازو بہ ناصر الدین خدا کہ محمود است ۔ کہ بود منبع انوار و مظہر اسرار
ازو بہ حضرت سلطان عاشقاں برہان ۔ کہ یازدہ پرش قطب بودہ اند کبار
(یہاں تک تو شاعر نے صرف آپ کا شجرۂ نسب بیان کیا ہے اور حضور رسالت مآبﷺ سے لے کر حضرت قطب العالم تک تمام بزرگوں کا نسب بیان کیا ہے اور بتایا ہے کہ معراج کی رات کو جو خلعت بزرگی حضور نبی کریمﷺ کو حاصل ہوتی تھی وہ سلسلہ وار حضرت مولائے کائنات علی ابن ابی طالب سے ہوتی ہوئی مخدوم جہانیاں جہاں گشت تک اور ان سے حضرت قطب العالم کے حصہ میں آئی جن کی اولاد میں گیارہ قطب ہوئے اب اس کے بعد لوہا لکڑی اور پتھر والی کرامت کا حال سنئے اور حضرت قطب العالم سے لے کر مصنفِ کتاب کی اولاد میں جو بزرگ ہوئے ہیں ان کا بھی اجمالی تذکرہ کر دیا گیا ہے )از مترجم عفا اللہ عنہ۔
شبے بہ پائے مبارک رسید یک چوبے ۔ کہ بود سخت تراز سنگ فی المثل صدبار
ایک رات آپ کے پاؤں مبارک کو لکڑی سے ٹھوکر لگی وہ پتھر سے بھی سو گنا زیادہ سخت لکڑی تھی برآں زباں کہ بہ بہ جز حق برائے حق نہ گذاشت ۔ تو سنگ و آہن و چوبی چو یافت ہر سہ گذار
اس زبان مبارک سے کہ جس سے کدا کے نام کے سوا کوئی بات نہیں نکلتی تھی یہ کلمہ نکل گیا کہ تو پتھر ہے۔ کہ لوہا ہے۔ کہ لکڑی ہے۔
شدہ بہ امر خداوند سنگ و آہن و چوب ۔ معا معا ینۂ چشم از بحرو استفسار۔
محض اتنا پوچھنے سے ہی آنکھوں دیکھتے کی بات ہے وہ لکڑی پتھر لوہا اور لکڑی کا ایک مرکب بن گئی
از بہ صاحب سجادہ ہاشہ محمود ۔ کہ گشتہ دریانوشش خطاب در ابرار
ہمیشہ بحر نعم نوش جاں ہمی فرمود ۔ ولیک قائل ھل من مزید بالتکرر
چوں بود بہتر اولاد قطب فرمودش ۔ امام و دانۂ سبحہ ہم دریں اعصار
پھر آپ کا فیض آپ کے سجادہ نشین شاہ محمود کو پہنچا جن کا لقب دریا نوش تھا جو نعمتوں کے سمندر پی کر بھی ھل من مزید(کچھ اور چاہیئے )کی تکرار فرماتے تھے وہ حضرت قطب العالم کی اولاد میں سے سب سے بہتر تھے اسی لئے تو حضرت نے ان کو بھی قطب فرمایا اور آپ کی اولاد میں سب سے ممتاز تھے۔جیسے تسبیح کے دانوں میں امام نمایاں ہوتا ہے۔
ازو بحضرت مخدوم ثانی است جلال ۔ کہ بود غوث فریقین و قبلٔ اخیار
کہ قطب عالم وقت تو لاش بہ پدر ۔ چنانچہ بر ہمہ مشہور داد ایں اخبار
بہ خانۂ تو جلال جہاں نیاں آمد ۔ کہ ازمن و تو کلان و بزرگ سلسلہ وار
پھر یہ ابدی فیض حضرت مخدوم ثانی شاہ جلال کے حصہ میں آیا جو اپنے وقت کا غوث اور نیک لوگوں کا قبلہ و کعبہ تھا اور جن کی پیدائش کے وقت حضرت قطب العالم نے ان کے والد سے فرمایا تھا کہ دوبارہ مخدوم جہاں نیاں کا ظہور ہوا ہے جو ہم سب سے زیادہ شان والا ہو گا۔
ازوبہ سید محمود و شاہ برہان است ۔ ازوبہ شاہ حسین است قطب سرد جہار
ازوبہ شاہ لطیف آنکہ قطب بے شک بود ۔ ازوبہ شاہ بدھ آنکہ بود فخر و تبار
پھر سید محمود۔ شاہ برہان۔ شاہ حسین قطب وقت۔ شاہ لطیف قطب وقت۔اور شاہ بدھ کو یہ فیض پہنچا۔
روایت ۷ ۲ ؎ حضرت قطب العالم کے زمانے کے ایک ولی اللہ نے حضور حق میں مناجات کی کہ اے پروردگار عالم کرامت اور خرق عادت امور کا ظہور ہر شخص کی آرزو اور خواہش کے مطابق ہوتا ہے لیکن اس میں کیا بھید ہے کہ حضرت قطب العالم سے بلا ارادہ بھی کرامت کا ظہور ہوتا ہے اور جو کچھ وہ زبان سے کہتے ہیں خارج میں وہی بات ہو جاتی ہے۔ حق تعالیٰ نے اس بزرگ کو آوا دی اور کہا کہ حضرت قطب العالم برہان الدین نے سوائے میری ذات کے مجھ سے کبھی کچھ نہیں مانگا ہر روز چھ مرتبہ ان تک یہ آواز پہنچاتا ہوں کہ ملکتک والمالک ان تصرف فی ملک کیف یشاء۔میں نے تجھے مالک بنا دیا ہے تو جو چاہے اپنے ملک میں تصرف کر سکتا ہے لیکن وہ تو آنکھ اٹھا کر بھی ان چیزوں کی طرف نہیں دیکھتا بجز میری ذات کے اور کسی چیز کا خواہاں نہیں ہے اور کبھی پیدائش سے لے کر آج تک اس نے میرے خلاف نہیں کی اس بنا پر میں نے اپنی دنیا کی ہر چیز اس کے سامنے پیش کر دی ہے کہ تاکہ جو کچھ اس کی زبان سے صادر ہو اس کی بات پوری ہو کر رہے اور جو وہ کہے ویسا ہی ہو جائے۔
حضرت قطب العالم کا یہ ارشا دبھی اس مقام کی عظمت کا شاہد ہے آپ فرمایا کرتے تھے۔
الصدق ینجی اساڈی مایا پونجی ×نبیﷺ کا یہ ارشاد ہی ہمارا سرمایہ ہے کہ راستبازی نجات کا ذریعہ ہے۔
روایت ۸ ۲ ؎ بٹوا جو احمد آباد سے تین کوس کے فاصلہ پر دکھن میں واقع ہے اور جہاں حضرت قطب العالم کا مزار مبارک ہے۔وہاں ایک ہندو کاشتکار رہتا تھا جو کافی بوڑھا ہو چکا تھا اس نے حضرت قطب العالم کو ایک مرتبہ دیکھا تھا حضرت قطب العالم کے خدام اور آپ کے رشتہ دار اس کی بڑی عزت کرتے تھے اور اس کی زیارت کے لئے جایا کرتے تھے اور اس کو غنیمت سمجھتے تھے ایک روز ملک محمود چند بزرگوں کے ہمراہ اس سے ملنے آئے اور حضرت قطب العالم کے حالات اس سے دریافت کرنے لگے وہ بوڑھا ہندو کاشتکار کہنے لگا کہ میں میں اپنے والد کے ہمراہ اس راستے پر کھڑا تھا جہاں سے حضرت قطب العالم کا گذر ہونا تھا جب حضرت قطب العالم پالکی میں سوار ہو کر وہاں سے گذرے تو میرے والد نے کہا بہت بڑے ’’مہاپُرش ‘‘ بزرگ انسان ہیں ان کے چہرے کی زیارت کر لو میں نے دوڑ کر حضرت کے چہرۂ مبارک کو دیکھا حضرت قطب العالم کی زیرت کا فیض ہے کہ زندگی بھر اپنی دانست میں میں نے کبھی کوئی غلط بات نہیں کہی اور ہمیشہ زبان سے سچ ہی نکلتا رہا اور یہ بات صرف حضرت قطب العالم کے دیدار کی برکت سے حاصل ہوئی ہے ورنہ ہماری قوم میں سچائی کا گذر کہاں ‘‘ حق سبحانہٗ تعالیٰ اس کتاب کے پڑھنے والے کو بھی سچائی اور راستبازی کی توفیق ارزانی فرمائے اور صدق شعاری کو تمام معاملات میں اس کے نصیب کر دے بطفیل حضور سرور کائنات محمدﷺ ۔
روایت ۹ ۲ ؎ سید سکندر خان بن جلال خان بن سید بہاؤالدین بن حضرت سید ناصر الدین محمود رحمۃ اللہ علیہ یعنی حضرت قطب العالم کے بھائی کا پوتا دکن کی سلطنت میں بہت اونچا مرتبہ رکھتا تھا وہاں کے بادشاہ نے اپنی لڑکی کی شادی بھی اس سے کر دی تھی دولت دنیا کی اس کے پاس فراوانی تھی اور بہادری اور جواں مردی میں اس کا پورے دکن میں شہرہ تھا جس زمانے میں حضرت قطب العالم نے دنیا سے قطع تعلق فرما کر گوشہ نشینی کی زندگی اختیار کر لی تھی اور فتوحات و تحائف بھی قبول نہیں فرماتے تھے سکندر خاں کو خیال آیا کہ حضرت قطب العالم کے خدام اور آپ کے اہل و عیال بڑی تنگ دستی میں زندگی بسر کر رہے ہیں اس لئے اس نے بہت سے کپڑے اور ایک صندوق بھرکر سونے کا جو کہ کیمیا گری سے حاصل ہوا تھا حضرت قطب العالم کی خدمت میں ایک پابند شریعت خادم کے ہاتھ بھیجا اور خط میں لکھا کہ حضور! ان دنو ں لوگوں کے ہدایا و تحائف قبول نہیں کرتے لیکن یہ تو آپ ہی کی دولت ہے کسی غیر کا لایا ہوا تحفہ نہیں ہے اسے قبول فرما کر متعلقین پر صَرف فرما دیں وہ خادم نا سمجھی کی بنا پر کسی کو بتائے بغیر سیدی حضرت قطب العالم کی خدمت میں پہنچ گیا آپ اس وقت سابرمتی ندی کے کنارے وضو فرما رہے تھے آداب بجا لا کر اس نے وہ صندوقچہ اور کپڑوں کی گٹھری آپ کی خدمت میں پیش کی اور عرض مدعا کہا۔
آپ نے فرمایا گندھک کے دھوئیں سے فقیروں کی اولاد کی داڑھیاں آلودہ نہیں ہونی چاہیئے۔خادم نے عرض کیا کہ اپنی ذات کے لئے نہیں تو دوسرے خادموں اور محتاجوں کی ضروریات کی تکمیل کی غرض سے قبول فرما لیں اور بہت زیادہ اصرار سے یہ درخواست کی۔آپ نے فرمایا یہ جو ٹھیکریاں جو یہاں پڑی ہیں انہیں اٹھا لا خادم ان ٹھیکریوں کو اٹھا لایا حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ نے ان کو چھوا صرف چھونے سے وہ تمام ٹھیکرے خالص سونا بن گئے اور ان کی اصلیت تبدیل ہو گئی آپ نے فرمایا یہ صندوقچہ اور یہ کپڑے سابر ندی میں پھینک دو خادم نے اسے اٹھا کر دریا میں پھینک دیا تب آپ نے فرمایا جب حق تعالیٰ نے اپنے بندوں کو ایسی اکسیر عطا فرمائی ہے تو وہ اس اکسیر کو کیوں قبول کریں۔ قاصد آداب بجا لایا اور واپس چلا گیا۔
آنا نکہ خا کرا بہ نظر کیمیا کنند ۔ آیا بو د کہ گوشۂ چشمے بہ ما کنند
روایت ۳۰ ؎ جس زمانے میں حضرت قطب العالم گوشہ نشینی کی زندگی بسر فرما رہے تھے اور داد توکل دے رہے تھے اور اپنے جد امجد حضرت سید الانبیاء ﷺ کے ارشاد کہ ’’ الفقر فخری ‘‘ فقیر میرے لئے فخر ہے پر عمل پیرا تھے اور ایک کوئیں پر جو کہ اساول میں اب تک موجود ہے عبادت حق میں مشغول تھے حضرت کی صاحبزادی کی دایہ نے آ کر عرض کیا کہ میری بچی بھوکی ہے اور گھی کے بغیر روٹی نہیں کھاتی حضرت قطب العالم نے فرمایا کیا گھی اس کوئیں میں ہے جو مجھ سے مانگ رہی ہے فقیروں کی اولاد کے لئے پانی ہی گھی ہے یہ کہ کر آپ کوئیں سے اٹھ گئے۔دایہ کو بڑا رنج ہوا اور کہنے لگی تعجب ہے کہ اس قدر دولت و مال دنیا کو چھوڑ کر لوگوں سے قطع تعلق فرما لیا ہے اور بچی کے لئے گھی مانگا ہے تو کہتے ہیں کہ کیا گھی اس کوئیں میں ہے جو مجھ سے مانگ رہی ہے اسی دوران ایک شخص کوئیں پر سے پانی لینے آیا اس نے اپنا ڈول کوئیں میں ڈالا ڈول بجائے پانی کے تازہ گھی سے بھر ا ہوا نکلا جب اس بات کی خبر محلہ والوں کو ہوئی ہر کوئی دوڑ تا ہوا آیا تین دن اور تین رات کوئیں میں سے پانی کی بجائے گھی نکلتا رہا لوگوں نے اپنے برتن اور گھڑے اور مٹکے بھر لئے تب حضرت قطب العالم نے عجز و نیازی کے ساتھ بارگاہ خداوندی میں درخواست کی کہ خدا یا اب بس کر اور اپنے برہان کو رسوا مت کر اور کرامات کی شہرت کے سبب مخلوق کی بھیڑ ا س کے دروازے پر اکھٹی مت کر اور اپنے سے ہٹا کر اسے دنیا والوں کے معاملات میں مشغول نہ فرما اور ہر حال میں اس کا تعلق اپنی ذات سے قائم رکھ۔ یہ دعا قبول ہو گئی اور پانی اپنی اصلی حالت میں کوئیں سے نکلنے لگا۔ یہ کواں ابھی تک کہ ۱۰۴۷ ؁ھ ہے اساول میں موجود ہے آپ کے فرزندانِ گرامی میں سے ایک نے بتایا کہ میں نے بطور تبرک اس کوئیں کا پانی نوش کیا پانی کا مزہ بالکل گھی کا سا ہے اور مجھے خوب یاد ہے اور ہر کوئی اسے محسوس کر سکتا ہے ۔
روایت ۳۱ ؎ ایک رز حضرت قطب العالم دریائے سابر متی کے کنارے وضو فرما رہے تھے اور آپ نے اپنی دستار مبارک پاس رکھی ہوئی تھی ایک شخص نے دستار مبارک اٹھالی اور لے کر بھاگ نے لگا آپ نے اسے دیکھ کراُچ کی زبان میں فرمایا ونج یعنی جا مشہور ہے وکہ وہ بد نصیب احمد آباد شہر کے اطراف میں کہیں رہتا تھا لیکن اس حرکت کے بعد وہ کہیں ایک لمحہ کے لئے نہیں ٹھہر سکتا تھا اور وحشی جانوروں کی طرح دنیا سے دور لوگوں کو دیکھ کر بھاگتا تھا اور ماں باپ بیوی بچوں سے بھی اسے وحشت ہوتی تھی درندوں کی طرح ان کو دیکھتا اور پھر وہاں سے بھاگ جاتا چند روز کی غذا پلے باندھ کر جنگلوں میں مارا مارا پھرتا جب اس کی موت کا وقت آیا تو ماہی بے آب کی طرح تڑپ تڑپ کر اس نے جان دی۔
روایت ۳۲ ؎ ایک دفع موسم گرما میں کہ لو چل رہی تھی ملک الامراء ملک محمد اختیار قدسرہٗ جو اپنے وقت کے بہت بڑے بزرگ شریعت کے پابند آداب طریقت کے ماہر نبیﷺ کی احادیث کے حافظ اور حق تعالیٰ کی بارگاہ کے خاصانِ خاص بندوں میں سے تھے حضرت قطب العالم کی خدمت میں علوم ظاہری اور معارف باطنی کا درس لیا کرتے تھے ایک رز انہوں نے حضرت قطب العالم سے پوچھا کہ نماز استسقاء کا کیا طریقہ ہے فرمایا لغت میں استسقاء کے معنی پانی طلب کرنے کے ہیں اور فقہا کے نزدیک اس سے مراد دعا اور توبہ استغفار ہے کیونکہ توبہ و استغفار کرنے سے پانی برستا ہے جبکہ ارشاد حق تعالیٰ ہے۔ فَقُلُت اسْتَغْفِرُوْ رَبَّکُمْ اِنَّہ کَانَ غَفَّاراً٭ یُرْ سِلِ السَّمَآئَ عَلَیْکُمْ کَانَ مِدْرَاراً٭(اپنے رب سے بخشش طلب کرو وہ بہت بخشنے والا ہے تم پر چھاجوں مینہ برسائے گا )
اور علماء احناف رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ نماز استسقا ء میں جماعت سے نماز ادا کرنا ضروری نہیں ہے مسنون طریقہ یہ ہے کہ امام مسلمانوں کی جماعت کے ساتھ شہر سے باہر آئے اور دعا مانگے اور ہر شخص اگر الگ سے دو رکعت نماز ادا کرے تو جائز ہے صاحبین رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ نماز استسقا ء میں دو رکعت سنت ہیں جماعت کے ساتھ دونوں دو رکعتیں ہیں اونچی آواز سے قرأت کرے اور سلام پھیر نے کے بعد خطیب کسی بلند جگہ کھڑا ہو کر خطبہ پڑھے امام محمد سے کا فی میں یہ روایت ہے کہ یہ نماز استسقا ء نمازِ عید کی طرح ہے جب خطیب خطبہ سے فارغ ہو تو اپنا رخ قبلہ کی طرف کر کے دعا کرے اور توبہ و استغفار کرے اور بارش کے لئے دعا مانگے تمام لوگ بھی قبلہ رخ بیٹھ کر ہاتھ اٹھا کر دعا مانگیں اور اپنی چادر کو الٹ دیں پھر اس بارے میں بھی مختلف اقوال ہیں صاحبین رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک صرف امام اپنی چادر الٹے اور باقی لوگ قلب ردا ء نہ کریں امام مالک کے نزدیک ہر شخص قلب رداء کرے یعنی اپنی چادر کے نچلے حصہ کو اوپر کر دے علماء احناف رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک قلب رداء پہنتے نہیں ہیں صاحبین کہتے ہیں اگر چادر چوکور ہو تو اس کے نچلے حصہ کو اوپر لے آئے اور اگر چادر چوکور نہیں ہے تو اس کے داہنے پہلو کو بائیں طرف اور بائیں پہلو کو دائیں طرف کر لے اور رداء(چادر) سے مراد لغت میں ایسا کپڑا ہے جس کی آستین اور جس کا دامن نہ ہو اور دعاء استسقاء یہ ہے۔اللھم اسق عبادک و بلادک و بہائک والنشر رحمتک اللھم غیثا مغیثا حیاربیعا طبقا غدقا ھنیئا مریئا۔
روایت ۳۳ ؎ مخدوم سید یحیٰ بہروچی جو حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ تھے اور جنہوں نے ایک کتاب مجالس برہانی کے نام سے ترتیب دی ہے۔وہ فرماتے ہیں کہ بارش کا موسم نہیں تھا اور حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ صلوٰۃ الاستسقاء (بارش کی نما ز )کے مسئلہ پر وضاحت فرما رہے تھے اور چادر الٹنے کی کیفیت ملک محمد اختیار کو سمجھا رہے تھے بلا ارادہ اور بغیر کسی قسم کے آثار کے اچانک بادل اور بجلی اور کڑک کے رونما ہوئی اور بہت زور کی بارش ہونے لگی ملک محمد اختیار اور دیگر تمام لوگ جو مجلس میں حاضر تھے اس واقعہ سے اس قدر متحیر ہوئے کہ ان پر غشی کی سی کیفیت طاری ہو گئی جب ہوش میں آئے تو آپ سے بارش بند ہونے کی درخواست کی آپ نے فرمایا بارانِ رحمت ہے برسنے دو۔
روایت ۳۴ ؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کو حضور سرور کائناتﷺ کی ذات اقدس سے والہانہ محبت تھی اور دلی لگاؤ تھا اس کی بنا پر آپ لوگوں کو تلقین فرمایا کرتے تھے کہ عقل و شعور کی حالت میں حضورﷺ کا ورد کریں اور بطور تسبیح کے حضور کے اسم گرامی کو پڑھا کریں تاکہ دل و جان سے ایک خصوصی رشتہ حضور سے قائم ہو جائے تاکہ اگر اسی حالت میں مرے تو صاحب ذوق اور صاحب ہدایت ہو کر مرے اور انجام کو پہنچے بعض دوسرے بزرگوں کا بھی یہی ارشاد ہے کہ جب کوئی شخص حالت نزع میں ہو تو لالٰہ الا اللہ کی تلقین سے یہ اندیشہ ہے کہ کہیں لا الٰہ کہنے کے بعد الا اللہ نہ کہ سکے اور نفی کے بعد اثبات نہ کرنے سے حالت کفر ہی میں نہ مر جائے اس لئے بہتر ہے کہ ایسے وقت میں محمد رسول اللہ کی مرنے والے کو تلقین کی جائے کہ اس سے اس کے درجات میں ترقی ہو گی۔
روایت ۳۵ ؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی چار (۴) منکوحہ بیویاں اور سو(۱۰۰) لونڈیاں تھیں اور آپ حضور نبی کریمﷺ کی سنت کے مطابق سب کے حقوق کو یکساں طور پر عدل و انصاف کے ساتھ ادا فرماتے تھے اور بارہا زبانِ مبارک سے فرمایا کرتے تھے کہ اگر اتنی عورتیں ہمارے تصرف میں نہ ہوتیں تو انالحق کے کلمۂ عشق و محبت کے شعلے عاجز کے جسم سے نکلنے لگتے اسی لئے کیفیات باطنی کے احوال کو ہم اپنے نطفوں میں تقسیم کر دیتے ہیں۔
روایت ۳۶ ؎ سید برخوردار ابن سید فتح اللہ عبادت گذار اور پرہیز گار شخص تھے اور حضرت قطب العالم کی خدمت میں غسل کے لئے پانی گرم رکھنے کی ڈیوٹی ان کے سپرد تھی ایک روز جب حضرت قطب العالم غسل سے فارغ ہوئے اور آپ تہ بند دھونے اور پانی کے برتن اٹھانے میں مشغول ہوئے تو دل میں خیال آیا کہ دوسروں کو تو اعلیٰ خدمات سپرد کر رکھی ہیں اور ذکر و شغل اور مراقبہ کی اوروں کو تلقین فرماتے ہیں اور میرے حصہ میں تہ بند دھونے اور نہانے کا پانی گرم کرنے کے سوا کچھ نہیں آیا اس خیال کے آتے ہی حضرت قطب العالم نے فرمایا کہ سید زادے ! اس کام کی قدر ابھی تم نہیں جانتے اگر اس تہ بند کا ایک قطرہ چکھ لو تو اس درویش سے جو فیض چند قطرات کے ذریعے اولاد تک پہنچتا ہے اس کی حقیقت کا تمہیں پتہ چل جائے سید موصوف نے اس تہ بند کے پانی کے چند قطرے نچوڑ کر پی لئے اس قدر کیفیتِ باطنی کا ا ٓپ پر غلبہ ہوا کہ صاحب سخن ہو گئے۔ یعنی جو کچھ زبان سے صادر ہوتا فوراً رونما ہو جاتا چنانچہ آپ اپنے خاندان اور اہل و عیال کو چھوڑ کر سیدھے مکہ معظمہ چلے گئے۔ (۱۲)بارہ برس کے بعد جب آپ اپنے گھر لوٹے اور پانی لب کیا تو چونکہ آپ کی شکل کافی تبدیل ہو چکی تھی اس لئے اہل خانہ آپ کو پہچان نہ سکے اور پانی نہ دیا آپ نے باہر سے بلند آواز میں فرمایا کہ راجی فیروزؔ سے کہو کہ پانی دے۔ اور واقعہ یہ ہے کہ جب سید صاحب موصوف گھر سے روانہ ہوئے آپ کی بیوی حاملہ تھیں چنانچہ ایک بچی پیدا ہوئی جس کا نام گھر والوں نے فیروزہ رکھا آپ جب ایک طویل عرصہ کے بعد واپس ہوئے تو اپنی بچی کو اسی نام سے پکارا جو نام اس کی عدم موجود گی میں گھر والوں نے رکھا تھا اور یہ سب فیض تھا ان چند قطرات کا جو حضرت قطب العالم کی تہ بند کا عصارہ پینے سے حاصل ہوا۔
روایت ۳۷ ؎ حضرت قطب العالم کی عمر جب پندرہ برس کی ہوئی جو کہ عام لوگوں کے بالغ ہونے کی عمر ہے تو آپ اپنی اولاد کے لئے جو کہ ابھی تک آپ کی صلیب میں تھی فیض رسانی کے خیال سے احتیاط میں مشغول ہو گئے چنانچہ جب آپ کھانا کھاتے تو اس سے بننے والے مادۂ تولید کے بارے میں پوری توجہ اور عنایت مبذول فرماتے تھے تاکہ صفائی باطن اور پاکیزگیِ قلب نطفہ میں ودیعت ہو جائے اور خود ہر دم استقامتِ عمل کی توفیقِ الٰہی کے ساتھ ’’ ھل من مزید ‘‘ کا نعرہ لگا تے رہتے تھے تاکہ درجات میں مزید ترقی ہو تی رہے اور بچپن ہی سے جب کہ ابھی آپ زیر تربیت تھے جو کرامات آپ سے صادر ہوتی رہیں وہ بے حد و بے حساب ہیں۔
روایت ۳۸ ؎ حضرت سیدالاقطاب مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے وصال کے پینتیس (۳۵) برس بعد ۸۲۰ ھ؁ میں اُچ شریف کے دریا میں طغیانی آئی اور پانی حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے روضہ کی دیوار سے ٹکرانے لگا آدھی رات کا وقت تھا کہ خواب میں آ کر فرمایا جلدی کرو میرا تابوت اس جگہ سے باہر نکال لو صبح کو اس زمانے کے سارے بزرگ اور اوتاد نے مل کر اس تابوت کو وہاں سے باہر نکالا اور شہر کی طرف لے گئے راستے میں تابوت کے اندر سے آواز آئی کہ قطبیت کبریٰ اور ولادت مرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور نیابت مصطفٰےﷺ کے طفیل ملتی آئی ہے اب میرے فرزند عزیز سید برہان الدین قطب عالم کو حاصل ہے۔اس وقت حضرت قطب العالم کی عمر اکتیس(۳۱) برس کی تھی اور شہر پٹن میں آپ کا قیام تھا کہ اچانک اپ کی قطبیت کبریٰ کا چرچا زباں زد خاص و عام ہو گیا۔
روایت ۳۹ ؎ جب قطب زمانہ حضرت شیخ علاء الدین ابن شیخ نور کے وصال کا وقت قریب آیا اور آپ کا قیام پورب کے شہر پندوہؔ میں تھا۔آپ کے خلفاء میں سے کسی نے عرض کیا کہ صاحبزادگان میں سے کسی کو سجادہ نشینی کا اعجاز حاصل ہو گا تاکہ میں آپ کے وصال کے بعد تربیت کے لئے اس کی جانب رجوع کروں۔شیخ نے فرمایا کہ میرے انتقال کے تین روز بعد اس شکل و صورت کے ایک قطب وقت آئینگے اور تمہارے کچھ عرض کئے بغیر ہی وہ ان بچوں میں سے کسی ایک کا سر مونڈ کر سجادہ نشین فرما دیں گے۔جب تیسرا دن ہوا تو حضرت قطب العالم نماز تہجد ادا فرما کر سید السادات حضرت سید عثمان جن کا لقب شمع برہانی تھا اور جو عثمان پور میں رہتے تھے کے ہاں تشریف لے گئے (عثمان پور دریائے بہر کے دوسری جانب مغرب میں واقع ہے حضرت شمع برہانی کا مزار بھی وہیں پر ہے )حضرت سید عثمان اس وقت نما ز تہجد ادا فرما رہے تھے حضرت قطب العالم کے جوتوں کی آواز سے پہچان گئے کہ حضرت تشریف لا رہے ہیں خادم سے فرمایا کہ میرے دستگیر کے جوتوں کی آہٹ محسوس کر رہا ہوں جا کر دیکھو اسی اثناء میں حضرت قطب العالم نے آواز دی کہ بھائی سید عثمان کیا کر رہے ہو سید عثمان صاحب دوڑے ہوئے آئے اور قدم بوسی کی اور عرض کیا کہ حضور آپ نے اس وقت کیوں زحمت فرمائی غلام کو وہیں بلا لیا ہوتا حضرت قطب العالم نے فرمایا پندوہؔ جانے کا ارادہ ہے اگر ساتھ چلنا ہے تو چلو آؤ چلیں بسر و چشم قبول کیا اور دل و جان سے ساتھ چلنے کے لئے تیار ہو گئے حضرت قطب العالم نے فرمایا آنکھیں بند کر لو اور ہمارے پاؤں پر پاؤں رکھ دو پھر آپ نے سید صاحب کا ہاتھ پکڑ ا اور ایک ہی لمحہ میں منزل پر پہنچ گئے آپ نے سید صاحب سے فرمایا آنکھیں کھول دو آنکھیں کھولیں تو گجرات کی سر حد پر پہنچ چکے تھے پھر چند قدم کی پرداز میں پندوہ پہنچ گئے ابھی صبح صادق کا وقت تھا حضرت قطب العالم کی شکل و صورت بعینہٖ ویسی تھی جس کی شیخ علاء الدین نے اپنے خلفاء کو بتائی تھی حضرت قطب العالم کو انہوں نے پہچان لیا اور تمام خدام اور خلفاء قدم بوسی کے شرف سے مشرف ہوئے۔حضرت قطب العالم نے شیخ کے سب سے چھوٹے فرزند کا سر مونڈوا کر حق تعالیٰ کی محبت کا بیج اس کی فطرت میں بو دیا اور غریق حق کی محبت اس بچّے کے دل سے نکال باہر کی اور اپنی ٹوپی مبارک اس بچے کے سر پر رکھ دی اور اسے شیخ علاء الدین کا سجادہ نشین بنا کر واپس تشریف لے آئے اور اشراق کی نماز پٹن کے شہر میں خانقاہِ عالیہ میں آ کر ادا فرمائی۔
روایت ۴۰ ؎ ایک مرتبہ جبکہ حضرت قطب العالم پر خدا کے ایک نام ’’ مُمیت ‘‘ (مارنے والا )کی تجلیات کا غلبہ تھا آپ اپنے حجرے کا دروازہ بند رکھتے تھے اور ممانعت فرما رکھی تھی کہ ایسے عالم میں کوئی شخص کمرے کے اندر نہ آنے پائے۔اتفاق ایسا ہوا کہ ایک مرید کے لڑکے کی شادی تھی وہ حسب معمول بچے کو سونے چاندی کے زیور پہنا کر پہنچا اور پھول وغیرہ کے ہار اس کے گلے میں ڈال کر حضرت کے آستانۂ عالیہ پر پہنچ کر خانقاہ کی طرف لے گیا اس نے دیکھاکہ حجرے کا دروازہ بند ہے دروازہ کھولنے لگا کہ خادموں نے منع کیا اور کہا کہ اس وقت کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہے اس شخص نے کہا کہ اس بچے کی شادی کا دن ہے یہ کیسے ممکن ہے کہ پیر دستگیر کی خدمت میں سلام کے شرف سے مشرف نہ ہو خادموں نے اس کی بات نہ مانی اور اسے اندر جانے سے روک دیا جب بہت زیادہ اصرار کرنے لگا تو خادموں نے تنگ آ کر کہا اچھا بھئی تم جانو۔وہ مرید خود تو باہر کھڑا رہا اور لڑکے کو قدم بوسی کے لئے اندر بھیجا جب حضرت قطب العالم کی بجلی کے اثر والی نگاہ اس لڑکے پر پڑی وہ لڑکا آگ میں جل گیا اور ا سکی راکھ کا ڈھیر وہاں زمین پر پڑا رہ گیا باپ نے بہت دیر تک انتظار کیا جب بیٹے کا کوئی پتہ نہ چلا تو حیران اور پریشان ہو گیا چند لمحوں کے بعد وہاں شور ہو گیا اور رونے پیٹنے کا ہنگامہ برپا ہو گیا ایک نے کہا اسے پریاں اٹھا کر لے گئیں۔دوسرے نے کہا اپنے بیٹے کی بدبختی کا کارن خود اس کی اپنی بد اعتقادی ہے جس کی وجہ سے اس کا بیٹا بے نام و نشان ہو گیا۔حضرت قطب العالم مغرب کی نماز میں باہر تشریف لائے تو دیکھا کہ باہر بہت ہجوم اکٹھا ہے اور لوگ چیخ چلا رہے ہیں آپ نے پوچھا یہ کیا ہنگامہ ہو رہا ہے خدّام نے صورت حال عرض کی فرمایا دیکھو تو اس کا کوئی نشان باقی رہ گیا ہے لوگوں نے دیکھا کہ مٹھی پھر راکھ پڑی ہے آپ کو خبر دی گئی فرمایا اس راکھ کو سنبھال کر رکھو ایسا ہی کیا گیا ایک ہفتہ کے بعد اللہ کے نام ’’ محی ‘‘ (زندہ کرنے والا )کی تجلیات سے آپ بہرہ ور ہوئے تو آپ کی بابرکت نگاہ اس راکھ پر پڑی خدا کی قدرت کاملہ سے لڑکا اس راکھ میں سے بھلا چنگا اٹھ نکلا اور جنت کے موتی کی طرح اچانک نمودار ہو گیا اور آپ کے قدموں پر گرپڑا حق تعالیٰ جو موت و حیات کا خالق ہے اس کی قدرت کے دونوں پہلو نمایاں ہو گئے کہ (یخرج الحی من المیت ویخرج المیت من الحی)حضرت قطب العالم اس لڑکے کا ہاتھ پکڑ کر حجرے سے باہر تشریف لائے اور اس کے باپ کے حوالہ کر دیا۔
روایت ۴۱ ؎ اس حدیث پاک کے مصداق کہ ’’ تخلقو با خلاق اللہ ‘‘ (اللہ کے اخلاق اپنے اندر پیدا کرو)حضرت قطب العالم کے اخلاق عالیہ اس قدر بلند تھے کہ کبھی کسی انسان کے حق میں حتیٰ کہ نوکر چا کروں کے بارے میں زبانِ مبارک سے کبھی کوئی سخت سست نہیں نکلا اور آپ کی فیاضی اور سخاوت کا یہ عالم تھا کہ باوجود نذر نیاز اور تحفے تحائف بکثرت آتے رہتے تھے ایک کپڑے سے زیادہ کوئی چیز اپنے پاس نہیں رکھتے تھے اور دن بھر میں جو کچھ آتا تھا رات تک سب محتاجوں اور فقیروں کی نذر ہو جاتا تھا۔آپ کی تواضع اس حد تک پہنچی ہوئی تھی کہ بھنگیوں اور جاروب کشوں تک کی عزت و تکریم فرماتے تھے اور فرمایا کرتے تھے کہ جو کام اور جیسی کچھ خدمت ان لوگوں کے ذریعے ہوتی ہے اور بچپن سے لے کر زندگی بھر تک جو خدمت یہ بجا لاتے ہیں کسی اور سے نہیں ہو سکتی اس لئے ان کے احسان کا شکریہ کہاں ادا ہو سکتا ہے اور آپ کی یہ پسندیدہ عادت تھی کہ ایک شخص کو اس کام پر متعین فرما دیا تھا کہ کوئی شخص تعظیم کے لئے بھی آپ کے قدموں کو نہ چھوئے ہمیشہ مصافحہ فرماتے۔
روایت ۴۲ ؎ ایک مرید کی دلی آرزو تھی کہ اپنا ہاتھ حضرت قطب العالم کے پاؤں مبارک سے مس کروں اور قدم بوسی کی دولت سے مشرف ہو جاؤں ایک بار پیچھے سے آ کر حضرت کے قدم کو چھونا چاہا آپ نے نور فراست سے معلوم فرما لیا اور اس کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا مجھے اس سے معذور رکھو اور کبھی میرا پاؤں مت چھوؤ۔
روایت ۴۳ ؎ جب سلطان محمود خلجی نے ملک گجرات کو فتح کر نے کا ارادہ کیا اور عزم مصمم کے ساتھ لشکر کشی کر کے گجرات پر حملہ کے لئے چلا جب گجرات کی سرحد پر پہنچا تو گجرات کے لوگوں میں اور خود شاہی فوج میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا کیونکہ سلطان محمود خلجی کا لشکر بہت بڑا تھا ان دنوں سلطان جلال خاں جو سلطان احمد بانیٔ شہر احمد آباد کا پوتا اور سلطان محمد کا بیٹا تھا گجرات کے تخت شاہی پر متمکن تھا اس لئے دربار کے امراء اور وزراء اس کو لے کر حضرت قطب العالم کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور آپ سے فتح و نصرت کی دعا چاہی اور درخواست کی سلطان محمود خلجی اسّی ہزار فوج اور کئی ہزار ہاتھیوں کے لشکر کے ساتھ گجرات کی اسلامی سلطنت کو تباہ و برباد کرنے کی غرض سے گجرات کی سرحد پر پہنچ چکا ہے۔اور بے گناہوں پر آفت لے آیا ہے اور اسلامی سلطنت کو مٹانے پرتلا ہوا ہے صرف حضرت قطب العالم کی توجہ اور امداد سے ہم اس کے شر سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔حضرت قطب العالم کی زبانِ مبارک سے بے ساختہ نکلا کہ ’’ کم من فئۃٍ قلیلۃٍ غلبت فئۃً کثیرۃ م باذن اللہ ‘‘(کتنی ہی تھوڑی تعداد والی جماعتیں ہیں کہ جو بھاری لشکروں پر اللہ کے حکم سے غالب آ جاتی ہیں )نیز یہ بھی فرمایا کہ مظلوموں کی امداد اور غمزدوں کی اعانت حق تعالیٰ جو مالک الملک ہے خود فرمائے گا لیکن یہ ساری مصیبت ایک درویش کا دل دکھانے کے سبب رونما ہوئی ہے کہ موجودہ سلطان کے بیٹے جلال خان نے ایک درویش کو ستایا تھا۔پھر آپ نے اپنے صاحبزادے حضرت شاہ عالم سے مخاطب ہو کر فرمایا تم شیخ کمالؔ کے پاس جاؤ ہماری دعا سلام ان سے عرض کہنا اور معافی مانگنا اور عرض کرنا کے باپ کے گناہ کا خمیازہ بیٹے کو کیوں بھگتنا پڑے کیونکہ حق تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ ’’ ولا تذر واز رۃ وزرا خریٰ‘‘(کوئی شخص کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھائے گا )اس لئے آپ اب درگذر فرما دیجئے تاکہ مخلوق خدا پریشانی سے بچ جائے۔حضرت شاہ عالم رحمۃ اللہ علیہ نے حضرت قطب العالم کا پیغام شیخ کمال رحمۃ اللہ علیہ تک پہنچا یا۔شیخ نے اس کا ٹھیک جواب نہیں دیا اور حضرت قطب العالم کی بات نہیں مانی شاہ عالم نے آ کر حضرت قطب العالم سے ان کی گفتگو کا کچھ حصہ بیان کیا۔آپ نے فرمایا کہ دوبارہ ان کی خدمت میں جاؤ اور ہماری طرف سے سلام نیاز پیش کرواور کہو کہ قرآن پاک کی اس آیت کے مطابق کہ ’’ والکاظمین الغیط والعافین عن الناس ‘‘
(غصہ پی جانے والے اور لوگوں کو معاف کرنے والے )آپ کو چاہیئے کہ آپ ابھی معاف فرما دیں۔حضرت شاہ عالم نے اپنے والد ماجد کے حکم کلی تعمیل کی پھر شیخ کمالؔ کی درگاہ رخ کیا اور آپ کا پیغام ان تک پہنچایا شیخ کے رویّہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی بلکہ اور زیادہ بگڑ گئے اور نہایت غیظ و غضب کا اظہار فرمایا اور کہنے لگے (۷)سات برس کی عباد ت و ریاضت اور بارگاہِ خداوندی میں مسلسل عجز و نیاز اور مجاہدات وغیرہ کے ذریعے یہ گجرات کا علاقہ سلطان محمود خلجی کے نام کرایا ہے یہ بچوں کا کھیل نہیں ہے کہ اب گھڑی گھڑی فیصلوں میں تبدیلی کی جائے اپنے والد سے جا کر کہو کہ لوح محفوظ پر نظر ڈال کر دیکھیں تو انہیں پتہ چلے گا کہ گجرات کی سلطنت سلطان محمود خلجی کے نام ہو چکی ہے۔پھر شیخ نے اسی دوران میں اپنا ہاتھ بلند کر کے کاغذوں کا ایک رجسٹر عالم بالا سے حاصل کیا اور حضرت شاہ عالم کو دیا اور فرمایا اس کو پڑھو کہ حق تعالیٰ کی جانب سے گجرات کی سلطنت کا فرمان محمود خلجی کے نام لکھا جا چکا ہے تشریف لے جایئے اور قطب عالم سے جا کر کہیئے کہ اب اس قسم کی باتوں کا وقت گذر چکا ہے اور اس معاملے میں مزید گفتگو بیکار ہے حضرت شاہ عالم کو اپنے والد اور پیر و مرشد کے مقابلے میں ایسی کھلی آمیز گفتگو سن کر یارائے ضبط نہ رہا آپ نے وہ کاغذ ہاتھ میں لے کر اس کے پرزے کر دیئے اور یہ کہ کر چلے آئے کہ قضاؤ قدر کے اس کاغذ پر حضرت قطب العالم کے دستخط ہوئے بغیر اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے جب تک ان کی مہر ثبت نہ ہو گی یہ بیکار ہے۔واپس آ کر آپ نے حضرت قطب العالم سے سارا ماجرا عرض کیا آپ نے فرمایا میاں منجھلے نے بڑی جلد بازی دکھائی یہ کلمات کہنے سے حضرت قطب العالم کی منشا یہ تھی کہ شیخ کمال کافی عمر رسیدہ اور بوڑھے ہو چکے تھے اور ان کی عمر کے تین دن باقی رہ گئے ہیں اگر شاہ عالم صاحب ان سے ایسی بات نہ کہتے تو وہ اطمینان کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوتے اور ہمارا مقصد خود بخود بہتر طور پر حل ہو جاتا۔چنانچہ شیخ کمال تین روز کے بعد دنیا سے چل بسے جلال خاں اور دیگر امراء اور وزرا حضرات حضرت قطب العالم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ محمود خلجی آپ کے ملک کی سر حدوں تک پہنچ چکا ہے اور آپ کے غلام اس کے مقابلے کے لئے جا رہے ہیں ہم آپ کے بڑے فرزند حضرت صاحب سجادہ شاہ محمود سے تو ساتھ چلنے کے لئے عرض نہیں کر سکتے باپو جی یعنی میاں منجھلے (حضرت شاہ عالم ) کو اگر آپ اجازت مرحمت فرما دیں تو بڑی نوازش ہو گی حضرت قطب العالم نے سلطان جلال خاں کو سلطان قطب الدین کا خطاب مرحمت فرما کر ترکش میں سے ایک تیر نکالا اور اس کی نوک توڑ کر سلطان قطب الدین کو دیا اور فرمایا چونکہ وہ لوگ بھی مسلمان ہیں اس لئے شروع میں جب دونو لشکر آمنے سامنے ہوں تو بے پیکان کا تیر ان کی طرف پھینکیں۔پھر آپ نے حضرت شاہ عالم سے خطاب فرمایا مظلوموں کی امداد کرنا بھی نیکی ہے اس لئے تم بھی سلطان کے ہمراہ جاؤ حضرت شاہ عالم سوار ہو کر بادشاہ کی معیت میں میدان جنگ میں پہنچے حضرت شاہ عالم نے وہی تیر بے بیکان سامنے کے لشکر پر پھینکا جب دونو لشکر گتھم گتھا ہو چکے تھے بزرگوں کی تائید باطنی کا کرشمہ تھا کہ اسّی ہزار کی فوج میں وہ تیر سیدھا سلطان محمود خلجی کی آنکھ میں جا کر لگا اس تیر کا لگنا تھا کہ محمود خلجی اپنی ساری فوج کے ساتھ شکست کھا گیا اور قرآن کی اس آیت کا اعجاز ثابت ہو گیا کہ۔’’ کم من فئۃٍ قلیلۃٍ غلبت فئۃً کثیرۃ م باذن اللہ ‘‘چنانچہ سلطان قطب الدین کی بادشاہت قائم رہی اور پورا ملک بغیر کسی الجھن کے اس کے قبضے میں آ گیا۔
روایت ۴۴ ؎ حضرت سلطان شاہ محمود کہتے ہیں کہ حضرت قطب العالم خود کو تواضع اور عجز و انکسار کے پردے میں چھپائے رکھتے تھے اور بے شمار و ارادات و فیوضات کے بچوں کو سبق دیتے اور بیوی بچوں میں وقت گزارنے اور اولاد پیدا کرنے کے ذریعے اپنے حال کا اخفاء فرماتے اور خلوت و انجمن میں بڑی شائستگی کے ساتھ اپنا وقت گذارتے بہ ظاہر مخلوق سے گھل مل کر رہتے بہ باطن حق تعالیٰ سے اپنا تعلق استوار رکھتے اور اپنے مرتبہ و مقام کے مطابق ہر آنے جانے والے سے پیش آ تے اور شریعت۔، طریقت، اور حقیقت میں بڑے مضبوط اور ثابت قدم رہتے اور حاجت مندوں کی ضروریات پوری فرماتے اگر کوئی بڑھیا بھی آپ سے اپنی ضرورت بیان کرتی تو آپ اس کی بھی امداد فرماتے۔
روایت ۴۵ ؎ حضرت قطب العالم سنت کی ادائیگی کے لئے بادشاہ کی طرف سے کافروں سے جہاد کی غرض سے ایڈر کی طرف تشریف لے گئے کہ جہاں ہندوؤں اور کافروں کا ایک مضبوط قلعہ پورے گجرات میں مشہور تھا ایک شاہی گھوڑے پر مرصع زین کے اوپر سوار ہوئے بادشاہ بھی آپ کے جلوس میں پا پیادہ چل رہا تھا اور آپ کی رکاب تھامے ہوئے شہر سے باہر نکلا اس دوران ایک خاکروب گلی میں کھڑا ہوا نشہ کی حالت میں اور بے ہوشی کے عالم میں السلام علیکم کہنے لگا اور آپ سے پوچھا کہ آج اس شان و شوکت کے ساتھ کہاں کا رخ کیا ہے ؟آپ نے گھوڑے سے اتر کر اس کے سلام کا جواب دیا اور پھر چل پڑے وہ بار بار السلام علیکم کہتا اور آپ ہر بار گھوڑے سے اتر کر وعلیکم السلام فرماتے بعض حاضرین نے عرض کیا حضرت! یہ تو پاگل ہے فرمایا مگر میں تو ہوشیار ہوں اور انسان کے مقام کو سمجھتا ہوں۔
ظاہرش گریشہ تا زد بحرخ۔ باطنش باشد محیط ہفت چرخ
بظاہر خواہ مچھر اس کے ہوش گم کر دے لیکن اس کا باطن سات آسمانوں کی خبر لاتا ہے۔
روایت ۴۶ ؎ شہر بڑودہ میں خوجہ بزرگ حضرت معین الحق کے فرزندوں میں سے ایک کی بچی کی منگنی حضرت قطب العالم کے صاحبزادے شاہ زاہدؔ سے طے پائی تھی حضرت اس نسبت کی بات پختہ کرنے کی غرض سے بڑودہ تشریف لے گئے حضرت شیخ الاسلام مخدوم خواجہ احمد کھٹو مغربی رحمۃ اللہ علیہ اور دوسرے بزرگ اور خویش و اقارب بھی آپ کے ہمراہ تھے وہاں اس کارِ خیر سے فارغ ہو کر واپس احمد آباد تشریف لا رہے تھے اس شہر کے بہت سے لوگ بھی آپ کو رخصت کرنے کے لئے ساتھ آ رہے تھے مخدوم سید کالاؔ جو حضرت یحیٰ کے پوتے تھے وہ بھی آپ کے ہمراہ تھے (حضرت یحیٰ حضرت مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفۂ اعظم تھے )راستے میں ایک ہندو حجام نے جو دیوانہ تھا سلام کیا حضرت قطب العالم سواری سے نیچے اترے اور نہایت تواضع کے ساتھ اس کے سلام کا جواب دیا اور پھر سوار ہو گئے وہ حجام چونکہ بد مست تھا اس نے دوبارہ سلام کیا اسی طرح سات مرتبہ(۷)اس نے سلام کیا اور آپ نے ہر مرتبہ گھوڑے سے اتر کر اس کے سلام کا جواب دیا مخدوم سید کالاؔ نے عرض کیا کہ حضور یہ کافر تو دیوانہ ہے آپ نے فرمایا ’’اساں ہوشیارآہیں ‘‘یعنی ہم تو فرزانے ہیں وہ اگر دیوانہ ہے تو کیا ہوا یہ سنتے ہی سید کالاؔ پر وجد طاری ہو گیا اور آپ بیہوش ہو کر گھوڑے سے گر پڑے جب انہیں ہوش آیا تو حضرت قطب العالم نے فرمایا کیا کروں انسان کی حقیقت مجھے اس کی تعظیم پر مجبور کرتی ہے اس لئے میں مسلمانوں اور کافروں دونو ں کی تعظیم کے معاملے میں بالکل بے اختیار ہوں۔
گفت بابا فرح کہ بدخودنیست۔آنچہ بد دیدۂ تو آن بدنیست
بابا فرح نے کہا کہ کوئی بد نہیں ہے۔ جسے تو برا سمجھ رہا ہے وہ برا کہاں ہے
جاہل دید کافر ر قتال۔ کرداز خیراو پیر سوال
ایک جاہل نے ایک لڑنے والے کافر کو دیکھا اور پوچھاکہ اس کافر میں کیا بہتر ہے ؟
گفت در وے دوچیز ہست نہاں۔ کہ نبی و ولی نہ دارد آل
اس کے پیر نے فرمایا اس میں دو باتیں ایسی ہیں جو کسی نبی اور ولی میں نہیں ہیں
قاتلش غازی است در راہ، دین۔باز مقتول او شہیدگزیں
جو اس کو قتل کرے وہ دین کا غازی کہلائے اور جو اس کے ہاتھوں قتل ہو وہ شہید کا مرتبہ پائے
نظر پاک ایں چنیں بیند۔ناز نیں جملہ نازنیں بیند
پاک نگاہ دنیا کو اس نظر سے دیکھتی ہے ناز والے کو سب ناز والے نظر آتے ہیں۔
روایت ۴۷ ؎ ایک بھنگن تھی جو کہ صحن و میدان میں جھاڑو دیا کرتی تھی ایک روز اس کا جوتا گندے پانی میں گر گیا اس نے وہاں سے جوتا نکالنا پسند نہ کیا اور چلی گئی جب دو تین دن گذر گئے تو جوتا گندے پانی میں پڑا رہنے سے اور زیادہ خراب اور گندہ ہو گیا ایک روز حضرت قطب العالم کی نظر اس پر پڑی دیکھا کہ بھنگن کی ایک جوتی پانی کے اندر ہے اور ایک باہر رہ گئی ہے آپ نے اپنے دست مبارک سے اسے نکال کر پاک کیا اور گھر میں دونو ں جوتے طاق پر رکھ دیئے دوسرے روز بھنگن نے دیکھا کہ اس کے دونوں جوتے حضرت قطب العالم کے طاقچہ میں رکھے ہوئے ہیں اور ایسی جگہ پڑے ہیں جہاں نہ ہونے چاہیئے اس کے دل میں یہ بات بیٹھ گئی کہ شاید حضرت نے کسی اور بھنگن کو ملازم رکھ لیا ہے اور مجھے ہٹا دیا ہے دو تین روز بہت محنت سے کام کرتی رہی اور آپ کی بعض کنیزوں اور خادموں سے کہتی رہی کہ آئندہ مجھ سے ایسی غلطی نہ ہو گی مجھے اس خدمت سے معزول نہ کریں کنیزوں اور نوکروں نے اسے تسلی دی کہ کسی اور کو تیری جگہ نہیں رکھا تو اپنے اطمینان کے ساتھ اپنا کام کرتی رہ اسی دوران میں اچانک حضرت قطب العالم باہر سے تشریف لے آئے دیکھا کہ بھنگن رو رہی ہے آپ اس کو تسلی دینے کے لئے کھڑے ہو گئے اس کی بات سنی اور فرمایا اے پیاری بہن نوکر ٹھیک کہتے ہیں تیری جگہ کسی اور بھنگن کو نہیں رکھا گیا نہ وہ اتنا کام کر سکتی ہے جیسا کہ تو کر رہی ہے تیرے جوتے میں نے اٹھا کر یہاں رکھ دیئے تھے۔ اس بھنگن نے جب سنا کہ اس کے جوتے حضرت نے اٹھا کر یہاں رکھے ہیں تو سخت شرمندہ ہوئی اور ندامت کی وجہ سے وہاں سے بھاگ گئی حضرت قطب العالم نے اس کے جوتے اٹھائے اور اس کے پیچھے ہو لئے اور فرمایا اے بہن! اے ماں سے زیادہ شفیق اور بہن سے زیادہ مہربان ایسا کیوں کرتی ہے تو فکر نہ کر مائیں اپنے بچوں کو بچپن میں پاک صاف کرتی اور نہلاتی دھلاتی ہیں اور تو تو زندگی بھر ہماری گندگی صاف کرتی اور ہمارے عیب چھپاتی ہے پھر ہمیں تجھ سے اور تجھے ہم سے کا ہے کی شرم۔آخر حق تعالیٰ نے اس بھنگن کے دل کو ایمان کے نور سے منور کر دیا اور وہ مسلمان ہو گئی اور آپ کے غلاموں اور مریدوں کی فہرست میں شامل ہو گئی۔
حکایت۔ یہ واقعہ حضور نبی کریمﷺ کے واقعہ سے ملتا ہے حدیث میں ہے کہ کافر حضور کی خدمت میں آئے اور مہمان رہنے کی درخواست کی حضورﷺ نے صحابہ کی طرف رخ کر کے فرمایا تم میں سے ہر شخص ان میں سے ایک ایک کو مہمان بنا لے ان میں سے ایک شخص بہت ہی پیٹو تھا اس کو حضور نے مسجد میں ٹھہرایا وہ سات بکریوں کا دودھ اور روٹیاں اور سالن کہ جو سب لوگوں کا کھانا تھا اکیلا ہی چٹ کر گیا رات کو اس کے پیٹ میں درد اٹھا اپھارا کی وجہ سے ڈھول کی طرح پھول گیا اور سولہ (۱۶) آدمیوں کا جو کھانا اس نے اکیلے کھا لیا تھا اس کے باعث اسے بد ہضمی ہو گئی اس کو بار بار قضاء حاجت ہوتی رہی اور دست لگ گئے صبح جب حضور تشریف لائے اور اس کی حالت دیکھی اور لوگوں نے بتایا کہ ۔
کیں چنیں کردہ است مہمانت بہ بیں۔ خندۂ زد رحمۃ للعالمیں
کہ دیکھیئے کہ آپ کے مہمانوں نے یہ گل کھلایا ہے حضور رحمۃ للعالمین نے فرمایا
کہ بیار ایں مطہرہ ایں جا بہ پیش۔ تا بشویم جملہ را باد است خویش
لوٹا پانی کا لے کر آؤ تا کہ میں اپنے ہاتھ سے اس کو دھو ڈالوں۔
ہر کسے میگفت کز بہر خدا۔ جان ماؤ جسم ما قرباں ترا
ہر کوئی کہتا تھا یا رسول اللہ آپ پر ہمارے جسم و جان قربان ہوں
مابشوئیم ایں حدث را تو لیل۔ کار دست است ایں نمط نہ کار دل
آپ رہنے دیجئے ہم اسے دھو ڈالیں گے۔یہ نجاست ظاہری ہے۔اور آپ تو نجاست باطنی کو دھونے والے ہیں۔ اس حدیث میں یہاں تک ذکر ہے کہ بہت زیادہ شفقت و مہربانی کی بنا پر جو اس نے حضور کی جانب سے اپنے حال پر دیکھی وہ شخص دولتِ ایمان سے بہرہ ور ہوا۔ حضرت قطب العالم بھی حضور نبی کریمﷺ کی تمام سنتوں اور آپ کے طریقے کی دل و جان سے اتباع فرماتے اور ظاہر و باطن میں سنت نبوی کی اتباع کو ہمیشہ ملحوظ رکھتے آپ کی یہ کرامات بھی حضورﷺ کی پیروی ہی کا ثمرہ تھیں ورنہ دنیا میں اولیاء کی کیا کمی تھی اور انکی ولایت بھی اتباع نبوی کا نتیجہ تھی۔ حق تعالیٰ ہر شخص کو حضورﷺ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق اور استقامت عطا فرمائے۔
روایت ۴۸ ؎ چونکہ حضرت قطب العالم سے بے ارادہ اور بلا قصد بھی اکثر کرامات کا ظہور ہوتا رہتا تھا آپ نے شہر کی آباد ی چھوڑ کر اور گھر بار تیاگ کر پنجہول کے مقام پر جو کہل کے نام سے مشہور ہے اقامت اختیار فرمائی اور عبادت الٰہی میں مشغول گئے وہاں سے واپسی میں اسی جگہ جہاں آپ کا مزار ہے۔آپ گھوم پھر رہے تھے اور اس زمین کے کاشتکار سے فرما رہے تھے شریعت کی رو سے یہ زمین تیری ہے اور بادشاہ صرف خراج کا حقدار ہے تو یہ ٹکڑا زمین کا میرے ہاتھ بیچ دے اس نے احتراماً قیمت لینے سے انکار کیا لیکن آپ نہیں مانے اور شریعت کے مطابق اسے خرید لیا آپ کا مزار آج بھی اسی جگہ ہے اور جبکہ شاعر نے کہا ہے کہ۔
اگر عالم سراسر باد گیرد۔ چراغ مقبلاں ہرگز نہ میرد۔
اور انشاء اللہ قیامت تک قائم رہے گا۔بادشاہ کو جب اس قطعۂ زمین کے سودے کا علم ہوا تو اس نے چودہ گاؤں بھی اسی قطعۂ زمین کے نام وقف کر دیئے آپ نے قبول فرما لئے پھر آپ نے اپنے فرزندوں کو حکم دیا کہ ہماری قبر یہیں بنائیں آپ کے صاحبزادوں کو شہر چھوڑنے میں تامل تھا آپ نے فرمایا اساولؔ کی آبادی اور رونق کو نہ دیکھیں کیونکہ اس کی اینٹ سے اینٹ بج کر رہے گی آخر حضرت سلطان شاہ محمود نے آپ کے وصال کے بعد آپ کے تابوت مبارک کو یہیں دفن کیا۔یہاں رہنے کے لئے سلطان شاہ عالم اور آپ کی بڑی ہمشیرہ بوا اماں کے سوا کوئی آمادہ نہیں ہوا ان دونو ں نے یہاں سکونت اختیار کر لی۔
روایت ۴۸ ؎ آپ کے حقیقی صاحبزادگان اور آپ کے مرید اس عبارت کے ساتھ آپ کے حلیۂ مبارک سے دعا میں توسل کیا کرتے تھے کہ۔
’’ الٰہی اس جواں مرد انسان کے صدقے میں جو رجب ۷۹۰؁ھ کی چودہ(۱۴) تاریخ کو پیدا ہوئے تھے جبکہ صبح کا وقت تھا اور جن کا نام نامی سید برہان الدین ہے۔جن کا خطاب قطب العالم ہے۔جن کے ابروئے چشم فراخ تھے۔ آنکھوں میں کاجل تھا۔اونچی ناک تھی۔ گردن پتلی تھی۔ داڑھی گھنی تھی۔ جس میں کچھ بال سیاہ تھے۔قد پورا تھا۔ یعنی نہ بہت لمبا نہ بہت چھوٹا۔دانت کشادہ تھے۔رخسارے گداز لب باریک جسم ہلکا پھلکا۔ ہاتھ چوڑے تھے۔ باتیں پیاری اور میٹھی مزاح اور شائستگی والی۔ پاؤں نرم نازک چلنے میں پاؤں پوری قوت سے اوپر اٹھاتے اور قدم کشادہ پڑتے جس سے معلوم ہوتا کہ تیز تیز چل رہے ہیں نگاہ ہمیشہ زمین پر رہتی تھی۔ جن کی وفات ذی الحجہ کی سات (۷) تاریخ کو طلوع آفتاب سے قبل اور صبح کی نماز کے بعد ۷۵۷؁ھ میں ہوئی۔اس طرح سے دعا مانگتے اور حاجات بارگاہ الٰہی سے طلب کرتے تو اپنی دینی و دنیاوی مقاصد میں کامیاب ہوتے تھے۔
اور آپ کی ظاہری زندگی کی کل مدّت سرسٹھ سال(۶۷)چار مہینے (۴) اور بیس (۲۰) روز ہوئی دو(۲)روز میعادی بخار میں مبتلا رہے اس دوران تمام معمولات نفلی نمازیں تک ادا فرماتے رہے اور امداد و اذکار میں حسن معمول مشغول رہے تیسرے دن صبح کی نماز جماعت کے ساتھ ادا فرما کر حجرے میں تشریف لائے اور بیٹوں پوتوں اور خلفاء کو تسلی دی اور شیخ مبارک کو خطاب کر کے فرمایا کہ ’’ ہم ایمان کی سلامتی کے ساتھ دنیا سے رخصت ہو رہے ہیں ‘‘ پھر اپنی ٹوپی مبارک اپنے خاص خلیفہ شیخ عبد الطیف کو ی اور تین مرتبہ یا حی یا قیوم یا کریم فرمایا اور حضور حق تعالیٰ میں مقام صدق کی جانب تشریف لے گئے۔
{اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ}

{ان حالات کا بیان جو حضرت قطب العالم کے وصال کے بعد رو نما ہوئے }

روایت ۱؎شیخ حسن خوندشہ فرماتے ہیں کہ وہ ایک روز عصر و مغرب کے درمیان حضرت شاہ عالم کے ہمراہ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے مزار مبارک کے اندر گئے حضرت شاہ عالم صاحبِ مزار کی طرف متوجہ تھے کہ اچانک ایک نورانی مرد ظاہر ہوا اور غلافِ مزار کو پکڑ کر کہنے لگا ھٰذا قطبٌ (یہ قطب ہے ) حضرت شاہ عالم رحمۃ اللہ علیہ نے پوچھا الیوم قطبٌ (اب بھی قطب ہیں )اس نے کہا نعم الیوم قطب ’’(ہاں اب بھی قطب ہیں )آپ نے فارسی میں پوچھا امروز قطب اند۔آج بھی قطب ہیں کہنے لگا امروز قطب اند۔آپ نے پھر اردو میں پوچھا آج قطب ہیں اس نے کہا ہاں آج قطب ہیں۔اللہ جانے وہ کون تھا کہ تینوں زبانوں میں یہ کہہ کر اچانک غائب ہو گیا۔
روایت ۲؎ حضرت شاہ عالم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے کہ پانچ (۵)بزرگ قطب ہوئے ہیں کہ جن کے وصال کے بعد بھی ان کی قطبیت سلب نہیں ہوئی۔(۱)ایک تو والدِ محترم حضرت قطب العالم برہان الدین رحمۃ اللہ علیہ(۲)دوسرے سید الاقطاب حضرت مخدو م جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ(۳)تیسرے غوث العالم حضرت شیخ عبد القادر محی الدین جیلانی رحمۃ اللہ علیہ(۴)چوتھے حضرت معروف کرخی رحمۃ اللہ علیہ(۵)پانچویں حضرت بایزید بستامی رحمۃ اللہ علیہ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی بہت سی دوسرے کرامات کا جو آپ کے وصال کے بعد ظاہر ہوئیں بے شمار ہیں کہ ان کا احاطہ کرنا مشکل ہے آج بھی صدق نیت اور حسن اعتقاد کے ساتھ ان کرامات کا ہر شخص مشاہدہ کر سکتا ہے۔

حاشیہ کی عبارت

جمعات شاہی میں مذکور ہے کہ لوگوں کی ضروریات کی تکمیل اور امور دنیا میں تصرف کی طاقت اولیاء اللہ کو مرنے کے بعد بھی حاصل رہتی ہے چنانچہ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ زندگی میں فرمایا کرتے تھے کہ حضرت مخدو م جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ۔ حضرت سید عبد القادر محی الدین جیلانی رحمۃ اللہ علیہ۔حضرت شیخ معروف کرخی رحمۃ اللہ علیہ۔ سلطان العارفین حضرت بایزیدبن طیفور بستامی رحمۃ اللہ علیہ۔انہیں بزرگوں میں سے ہیں حضرت شاہ عالم رحمۃ اللہ علیہ نے یہ بات سن کر اپنے کاندھے پر ہاتھ مارا اور فرمایا پانچواں (۵) ہمارا قطب ہے۔خدا جانتا ہے کہ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے فیوضات کا سلسلۂ ارشاد و ہدایت موت و حیات دونوں صورتوں میں یکساں طور پر جاری و ساری ہے بلکہ وصال کے بعد تو تیغِ بے نیام والی کیفیت ہو جاتی ہے ایک عربی شعر ہے۔واذا غمدت السھف قتلت۔ فکیف وانت تجردہٗ۔یعنی جب تو نے تلوار کو نیام میں کر رکھا ہے تھا جب بھی وہ قتل کرتی تھی تو نیام سے باہر ہو کر اس کی کاٹ کا کیا عالم ہو گا۔
عالی جناب حضرت خواجہ مخدوم شیخ محمود دریا نوشؔ
سجادہ نشین حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے حالات کاذکر جمیل
روایت ۱؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے سب سے بڑے صاحبزادے اور ان کے خلیفۂ اجل۔امامت عظمیٰ کے نائب۔قطبیت کبریٰ کی مسند کے وارث۔تجلیات و انوار الٰہی کے سمندروں کے سمندر پی جانے والے مخدوم شیخ محمود ۸۰۹؁ھ میں شہر پٹن میں پیدا ہوئے اور آپ کا وصال ۸۸۴؁ھ میں بٹوا میں ہوا حضرت قطب العالم قد سرہٗ انہیں ان کے تمام بھائیوں میں سب سے زیادہ شفقت اور خصوصی توجہ سے نوازتے چونکہ ان کا مسلک و مشرب بعینہٖ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کی پیروی پر مشتمل تھا بنا بریں حضرت والا انہیں بھائی محمود کہ کر مخاطب فرماتے تھے اور کبھی کبھی انہیں وڈن یعنی بزرگ کہ کر بلاتے اور انہیں ان کے اور بھائیوں کے مقابلے میں خصوصی توجہات اور فیوضاتِ باطنی اور انعاماتِ الٰہی سے سرفراز فرماتے تھے۔
روایت ۲؎ ایک روز حضرت قطب العالم کے ایک صاحبزادے سید احمد شاہ پیرنے آ کر اپنے والد ماجد سے عرض کیا کہ آپ بڑے بھائی کو بہت زیادہ نوازتے ہیں۔آپ نے فرمایا جب تم نے اسے خود ہی بڑا بھائی کہ دیا ہے تو اب میں اور کیا کہوں۔ اس کا حصہ اس کی استعداد کے مطابق ہے تم ایک ذرّہ بھی ہضم نہیں کر سکتے ہو اور وہ ایک قطرہ معرفت پی کر ہی اسرارِ باطنی کا اظہار شروع کر دیتے ہو اور وہ خموں میں خم لنڈھاتا ہے اور پھر بھی ’’ ھل من مزید ‘‘کا نعرہ لگاتا رہتا ہے۔ کسی نے کیا اچھا کہا ہے۔
ریخت اے حضرت محمود دشہ ریا نوش۔ بحر ہر فیض کہ فیاض بہ جام تو ہمی
اے حضرت شہ محمود دریا نوش آپ نے اپنے جام سے سمندر بہا دیئے آپ کس قدر فیاض ہیں۔
زو بہ ظرف دگراں قطرہ بہ جائے دریاست۔زہ کہ در مشرب عذبت ہمہ جائے بنمی
معرفت کے سمندر کے سمندر کہ جن کا ایک قطرہ بجائے خود سمندر ہے کیا خوب میٹھا سر چشمہ ہے کہ جس کا فیض ہر جگہ پہنچتا ہے۔
روایت ۳؎ یک روز حضرت شاہ عالم قد سرہٗ پر سکر و مستی کی کیفیت طاری ہو گئی اور کرامات کا اور خرق عادت امورکا ظہوربے ساختہ آپ سے ہونے لگا۔حضرت قطب العالم نے اُچ کی زبان میں فرمایا۔اساں وڈن کوں کیتی خم پواہیں رو ہضم کیتے توسی کوں زرہ ہضم نہ تھیا‘‘(یعنی ہم نے فرزند محمود کو شرابِ محبت کے خم کے خم پلا دیئے وہ ان کو ہضم کر گیا اور تم سے ایک قطرہ بھی ہضم نہ ہو سکا )
بہ جام ہر کسے ہر گز شرابِ عشق کہ گنجہ۔ خوشارندے کی خم خم نوشد دنا یزدے بوئی
حضرت شاہ عالم نے جواب میں فرمایا کہ یہ آپ ہی کے ارشاد کا اثر ہے کہ آپ نے ایک روز ایک نقطۂ معرفت سے سرفراز فرما کر کہا تھا کہ اسے تم ہضم نہیں کر پاؤ گے۔
روایت ۴؎ رسالہ اعتماد المریدین میں ہے جو حضرت شاہ عالم کی تصنیف ہے کہ حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ۔کا ایک خرقہ جو آپ پہنا کرتے تھے اور وہ اس خرقہ کے علاوہ تھا جو ایک سوداگر اسّی(۸۰۰۰۰)ہزار روپے کے بدلے خراسان لے گیا تھا وہ خرقہ شاہ ناصر الدین محمود کے پاس تھا انہوں نے اپنے صاحبزادہ گرامی حضرت قطب العالم کو دے دیا اور حضرت قطب العالم نے اپنے سجادہ نشین فرزند شاہ محمود کو عطا فرمایا۔
روایت ۵؎ ایک روز جبکہ حضرت قطب العالم کے مزار کی زیارت کے لئے بہت سے لوگ آئے ہوئے تھے بادشاہ بھی موجود تھا اور زمانے بھر کے اولیاء و مشائخ کا مجمع بھی تھا ان سب نے حضرت شاہ محمود سے عرض کیا کہ اگر اجازت ہو تو یہاں ایک قصبہ یا شہر تعمیر کر دیں اور اس کا نام قطب آباد رکھ دیں حضرت شاہ محمود نے فرمایا حضرت قطب العالم نے شہر چھوڑ کر جنگل میں رہائش اختیار فرمائی ہم اب اس کو آباد کرنے کی اجازت کیوں کر دے سکتے ہیں۔ان حضرات نے عرض کیا کہ حضرت والا کی روح کی طرف متوجہ ہو کر اس سے اجازت طلب کریں۔حضرت شاہ محمود قبر مبارک کے پا س آ کر متوجہ ہوئے تو آپ کو یہ بشارت ہوئی کہ ہمارے یہاں آنے سے قبل یہاں ایک چرواہا اس سرزمین میں بکریاں چرایا کرتا تھا اس کا نام بٹوا تھا اسی کے نام سے یہ قصبہ آبا د کر دو اس طرح بٹوا گاؤں بسا۔
روایت ۶؎ حضرت قطب العالم کی عبادت کا یہ معمول تھا کہ عشا کی نماز کے بعد لکڑی کی ایک کرسی پر آپ تشریف فرما ہوتے اور ’’یا حی یا قیوم ‘‘ کہ کر حرم کعبہ شریف پہنچ جاتے۔ حرم مکہ میں ایک فقیر کا قیام تھا ایک رات اس نے آپ سے درخواست کی کہ جو کچھ آپ کھاتے ہیں ہمیں بھی کھلایئے حضرت قطب العالم واپس تشریف لائے اور دستر خوان بچھا تو حضرت کو درویش کی بات یاد آ گئی جو خادم کھانا کھلانے پر مامور تھا اس نے حضرت کومتامل دیکھ کر عرض کیا آپ کھانا کیوں تناول نہیں فرماتے آپ کھانا کھائیے فقیر کو بھی پہنچ جائے گا پھر وہ خادم دو روٹیاں لایا ایک حضرت قطب العالم کے سامنے رکھ دی اور ایک صحن حرم میں اس فقیر کو دے ی اسی طرح ایک تھالی اور ہر کھانے کی ایک مقدار حضرت قطب العالم کے سامنے رکھتا اور ایک اس فقیر کو دیتا جاتا اس فقیر نے بڑی رغبت سے کھانا کھایا۔جب دوسری رات کو حضرت قطب العالم وہاں پہنچے تو درویش نے عرض کیا کہ آپ کے اس شکل و صورت کے خادم نے میری منشا کے مطابق مجھے پہنچا دیا تھا جب حضرت قطب العالم واپس تشریف لائے اور اس خادم سے دریافت کیا تو اس نے اقرار کیا کہ ہاں وہ کھانا میں نے ہی پہنچایا تھا آپ نے پوچھا تمہیں یہ مقام کیوں حاصل ہوا اس نے عرض کیا کہ ایک روز اتفاقاً فرزند شاہ محمود شیر خوارگی کے زمانے میں دودھ پی رہے تھے کہ اچانک انہوں نے دودھ منہ سے نکال کر کپڑے پر گرا دیا میں نے اس کپڑے کو دھوکر پی لیا اس وقت سے یہ مقام و رتبہ مجھے حاصل ہوا ہے۔
روایت ۷؎ ایک مرتبہ آپ کے کچھ عزیز جو تاجر پیشہ تھے دریا کا سفر کر رہے تھے کشتی میں چاول بھر رکھے تھے اور تجارت کی غرض سے جا رہے تھے کہ اچانک کشتی پانی کے درمیان جا کر رک گئی اور کسی طرف کو بھی حرکت نہیں کر پاتی تھی اس کشتی میں ایک عزیز جنوں کو حاضر کرنے کا علم جانتا تھا اس نے اپنے علم کی قوت سے معلوم کر لیا کہ یہ جنوں کی حرکت ہے اس نے کشتی پر سے جنات سے پوچھا کہ کیا بات ہے۔جنوں نے کہا کہ ہم مسلمان جن ہیں اور حضرت مخدوم شیخ محمود دریا نوش ؔ کے غلام ہیں ہمارے پیر دستگیر کا عرس نزدیک آ پہنچا ہے اور ہمیں عرس مبارک پر خرچ کرنے کے لئے چاول وغیرہ چاہیئے ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ چاول ہمیں دے دیجئے اور ا سکی قیمت ہم سے لے لیجئے تاجروں نے یہ بات مان لی اور جنات کے اشارے کے بموجب چاول پانی میں گرا دیئے اور قیمت وصول کر لی تب کشتی وہاں سے دوبارہ روانہ ہوئی اور سب لوگ بخیر وعافیت منافع حاصل کر کے واپس اپنی منزل پر پہنچ گئے۔
روایت ۸؎ کہ حضرت شاہ محمود کا طریقہ مبارک یہ تھا کہ جب حضرت قطب العالم کے مزار کی زیارت کے لئے تشریف لاتے تھے تو ضروری آداب بجا لا کر قبلہ کی طرف پشت کر کے اور چہرہ حضرت قطب العالم کی طرف کر کے کھڑے ہوتے ایک روز حضرت سید محمد اور سید احمد شاہ پیر آپ سے پہلے ہی زیارت کے لئے تشریف لا کر ایک دوسرے سے بالکل لگ کر کھڑے ہو گئے دونوں میں ذرہ بھر فاصلہ نہیں تھا یہ دونو ں بزرگ اسی مقام پر آ کر کھڑے ہوئے جہاں پر حضرت مخدوم شیخ محمود دریا نوش ؔ کھڑے ہوتے تھے حضرت قطب العالم کا چہرہ مبارک ان دونوں بزرگوں کے بالکل سامنے تھا کہ اتنے میں حضرت شاہ محمود بھی تشریف لے آئے اور اپنے متعین مقام پر کھڑے ہونے کا ارادہ فرمایا حضرت شاہ عالم نے تعظیماً آپ کو اپنے درمیان کھڑا کرنا چاہا حضرت شاہ محمود کا رخ بھی حضرت قطب العالم کی طرف تھا ابھی آپ نے اپنا پاؤں اپنی متعین جگہ پر رکھا ہی تھا کہ دیوار شق ہو گئی اور ایک محراب سی بن گئی چنانچہ ایک طر ف حضرت شاہ عالم اور دوسری جانب شاہ احمد پیر اپنے مقام سے ہٹے بغیر وہیں کھڑے رہے اور حضرت شاہ محمود اس محراب میں کھڑے ہو گئے اور حضرت قطب العالم کے چہرۂ مبارک کے بالکل سامنے جا پہنچے۔
روایت ۹؎ حضرت قطب العالم صلوٰۃ التسبیح کے بعد لا الٰہ الا اللہ کے ذکر سے فارغ ہو کر یا حی یا قیوم کا ورد فرماتے تھے ایک روز ایک خاص کیفیت آپ پر غالب ہوئی اور آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے اور آپ کی داڑھی مبارک پر موتیوں کی مانند قطرات نمایاں ہو گئے اپنے فرزند سعید اور سجادہ نشین حضرت شاہ محمود سے فرمایا کہ ان قطراتِ اشک کو زمین پر مت گرنے دو اور حاضرین کی آنکھوں میں اٹھا کر ڈال دو حضرت شاہ محمود نے ان قطرات کو بڑے احتیاط سے اٹھا کر حاضرین کی آنکھوں میں ڈالا تو ا ن میں سے ہر قطرہ کہ جو فیوضات الٰہی کا دریائے بے پایاں اور بحر زخار تھا جس جس کی آنکھوں میں پڑا خاص طور پر آپ کے مریدان خوصوصی شیخ عبد الطیف وغیرہ کے تو ان کے تمام فن نی اور نورانی حجابات انکی آنکھوں سے ہٹ گئے اور ماسوی اللہ کے تمام علائق دل سے نکل گئے اور دنیا و آخرت کے تمام جھنجھٹوں سے آزاد ہو گئے یہاں تک کہ پہلے پہل کشف کی داردات حضرت شیخ عبد الطیف کو اسی روز حاصل ہوئی۔
توچہ دانی قدر آب دید گاں۔ عاشق نانی تو چوں دید گاں
حضرت سلطان شاہ عالم کے مناقب و فضائل کا بیان
روایت ۱؎ حضرت قطب العالم کے فرزندِ محترم اور مقبول بارگاہ الٰہی حضرت سلطان شاہ عالم اپنے والد ماجد کے دوسرے خلیفہ اور فیوض ربّانیہ کے مظہر ہیں۔ ایک روز کا واقعہ ہے کہ حضرت قطب العالم حجرہ میں مشغولِ عبادت تھے آپ پر وجد و شوق کی کیفیت طاری تھی اسی غلبۂ کیفیت میں چکر کاٹتے اور رو رہے تھے اچانک حضرت شاہ عالم حاضر ہوئے حضرت قطب العالم نے پوچھا کیا چاہتے ہو ! عرض کیا محبتِ الٰہی کے خرمن کا ایک گوشہ اور دوستیِ حق تعالیٰ کے سمندر کا ایک قطرہ ہمیں بھی نصیب ہو جائے آپ نے فوراً اپنی داڑھی مبارک پر آنسوؤں کے گرے قطرات ہاتھ میں لے کر آپ کے منہ میں ڈال دیئے حضرت شاہ عالم اکثر فرمایا کرتے تھے کہ وہ قطرے میرے دل میں ستاروں کی طرح جاگزین ہو گئے جس سے غیر حق کے تمام تعلقات اور ماسوا اللہ کے سارے معاملات بھسم ہو گئے اور میرا دل پاک ہو گیا۔
روایت ۲؎ شیخ حسن خوندشہ کہتے ہیں کہ حضرت شاہ عالم کی عمر دس برس کی تھی آپ پتنگ اڑا رہے تھے اور حضرت قطب العالم یہ منظر دیکھ رہے تھے اور قدرت الٰہی کا نظارہ فرما کر حیرت و معرفت کی کیفیات سے دوچار تھے اور مستی کی کیفیت طاری تھی آپ دیوار سے ٹیک لگا کے بیٹھ گئے تھے پاؤں ہل رہا تھا حضرت شاہ عالم نے جب آپ کی یہ حالت دیکھی تو پتنگ چھوڑ کر بڑے ادب کے ساتھ سیدھے آپ کی خدمت میں پہنچے اور عرض کی کہ اس مستی کا کچھ فیض از راہِ کرم مجھے بھی عنایت ہو حضرت قطب العالم نے فرمایا یہ شعلۂ آتش ہے جلا ڈالے گا آپ نے دوبارہ بڑے اصرار کے ساتھ درخواست کی حضرت قطب العالم نے آنسوؤں کا ایک قطرہ حضرت شاہ عالم کے منہ میں ٹپکا دیا۔حضرت شاہ عالم فرمایا کرتے تھے کے اس قطرے میں سو گنا لذّت تھی ایک تو شربت کی دوسرے شہد کی تیسری دودھ کی اور کبھی یوں محسوس ہوتا جیسے۔
روایت ۳؎ ایک روز حضرت شاہ جی آیت کریمہ الم یعلم بان اللہ یریٰ پڑھ رہے تھے آپ پر خاص کیفیت طاری ہو گئی کہ رات سے لے کر صبح تک اسی کیفیت میں یہ آیتِ مذکورہ پڑھتے رہے کسی ے آپ کی اس کیفیت کا تذکرہ حضرت قطب العالم سے کیا آپ نے حق تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور حضرت شاہ عالم کے دل پر اپنی توجہ باطنی کا عکس ڈالا تاکہ اس کیفیت سے گذر کر مزید ترقی فرمائیں اور چند کلمات کی تلقین فرمائی تاکہ پُر سکون ہو جائیں۔
روایت ۴؎ حضرت قطب العالم نماز مغرب کے بعد نوافل میں مشغول تھے کہ اتنے میں کسی نے آپ کو آپ کے خلیفۂ اجل حضرت شیخ عبد الطیف کے پٹن سے احمد آباد پہنچنے کی خبر دی بڑے شوق و ذوق سے فرمایا کہ کون ہمارے دوست عبد الطیف کو لینے جائے گا حضرت شاہ عالم موجود تھے اسی وقت پاپیادہ بسندر پور کی طرف روانہ ہو گئے کیونکہ حضرت شیخ عبد الطیف جب کبھی پٹن سے تشریف لاتے تو وہیں قیام کرتے تھے۔ ان دنوں احمد آباد کا قلعہ مکمل نہیں ہوا تھا اور دروازہ کی جگہ کانٹوں کی باڑھ لگا دی گئی تھی اور اندر سے اس میں تار لگا دیتے تھے حضرت شاہ عالم کانٹوں سے گذرے جس سے آپ کا جسم زخمی ہو گیا اور سینہ پر زمین پر گھسٹنے کے سبب خراشیں آ گئیں اسی حالت میں حضرت شیخ عبد الطیف کے پاس پہنچے اور عرض کیا کہ حضرت قطب العالم یاد فرما رہے ہیں حضرت شیخ حضرت شاہ عالم کے ہمراہ تیزی سے چلتے ہوئے حضرت قطب العالم کی خدمت میں حاضر ہوئے اور شرفِ قدم بوسی سے مشرف ہوئے حضرت قطب العالم نے فرمایا میاں منجھلا (حضرت شاہ عالم مراد )تم ہمارے دوست عبد الطیف کو لے کر آئے ہو اس لئے اس کے بدلے میں حق تعالیٰ نے اپنے لطفِ خصوصی سے تمہیں بھی عبد الطیف نالی ایک دوست عطا فرمائے گاجو داور الملک کا خطاب رکھتا ہو گا پھر آپ نے حضرت شاہ عالم کو اسم الٰہی یا لطیف کے ورد کی اجازت مرحمت فرمائی۔اور داور الملک بادشاہ کا ایک ملازم تھا جس کی بہادری اور جواں مردی کا بہت شہرہ تھا اتفاقاً وہ حضرت شاہ عالم کا مرید ہو گیا اور آپ کی خدمت غسل اور وضو کا پانی گرم رکھنے کی خدمت پر معمور ہوا حضرت شاہ عالم کو اس سے خصوصی انس و محبت اور تعلق خاطر ہو گیا۔
روایت ۵؎ سید یٰسین بن سید راجو کہتے ہیں کہ حضرت شاہ عالم نے داور الملک کو خلافت اور سجادہ نشینی کی عزت سے سرفراز فرمایا مگر اس نے خود ہی اس منصب کو قبول نہ کیا لیکن حضرت شاہ عالم کے ہاں اسے وہی مقام حاصل تھا جو حضرت قطب العالم کے ہاں شیخ عبد الطیف کو۔
روایت ۶؎ سندھ کے ایک شہزادے جامؔ سہتا کی دو لڑکیاں تھیں ایک کا نام بی بی مغلیؔ اور دوسری کا نام بی بی مرکیؔ تھا۔ اس نے حضرت قطب العالم سے عرض کیا کہ بی بی مغلی حسن میں بے مثال ہیں وضو وغیرہ کی خدمت کے لئے اپنے کسی صاحبزادے کے سپرد فرما دیں۔حضرت قطب العالم نے حضرت شاہ عالم کا نام تجویز فرمایا۔انہیں ایام میں بانیِ ٔ احمد آباد سلطان احمد کے لڑکے سلطان محمد نے منگنی کا پیغام اس کی دوسری ہمشیرہ کے نام بھیجا۔جو لوگ اس رسم کی ادائیگی کے لئے گئے تھے انہوں نے بی بی مغلی سے سلطان محمد کی منگنی طے کرا دی جب اس واقعہ کی خبر حضرت شاہ عالم کو ہوئی تو آپ کو رنج ہوا حضرت قطب العالم نے فرمایا غمگین مت ہو یہ دونو بہنیں تمہارے عقد میں آئیں گی چنانچہ بی بی مغلی کا نکاح سلطان محمد کے ساتھ ہو گیا اور اس کے بطن سے سلطان محمود بیگڑا پیدا ہوا اس کے کچھ عرصہ ہی بعد سلطان محمد کا انتقال ہو گیا اور اس کا بڑا لڑکا سلطان قطب الدین بادشاہ بنا اس نے اپنے بھائی سلطان محمود کو حاصل کرنا چاہا اس کی ماں بی بی مغلی ڈر کے مارے اپنی ہمشیرہ کی قرابت کی وجہ سے حضرت شاہ عالم کے پاس پناہ لینے کے لئے آئیں تقدیر الٰہی سے کچھ عرصہ کے بعد بی بی مرکی اہلیہ حضرت شاہ عالم کا انتقال ہو گیا تین روز کے بعد آپ نے سلطان محمود بیگڑا کی ماں بی بی مغلی کو پیغامِ نکاح بھیجا کہ تمہاری ہمشیرہ کا انتقال ہو گیا ہے ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے پردہ وغیرہ کی احتیاط نہیں ہو سکے گی بہتر ہے کہ اس عاجز کے نکاح میں آ جاؤ بی بی مغلی نے اس پیغام کو اپنی خوش بختی تصور کیا اور ان کی شادی سلطان حضرت شاہ عالم سے ہو گئی۔
روایت ۷؎ حضرت شاہ عالم رحمۃ اللہ علیہ حضرت مخدوم شیخ مغربی رحمۃ اللہ علیہ سے عقیدت و دل بستگی رکھتے تھے اس بنا پر آپ نے ایک روز حضرت مخدوم شیخ مغربی سے عرض کیا کہ آپ حضرت قطب العالم کے حضور میری سفارش فرما دیں چنانچہ ایک روز جبکہ دونوں بزرگ ( حضرت قطب العالم اور حضرت مخدوم احمد کھٹو)ایک ہی تالاب میں غسل فرما ہے تھے اور پانی میں چہلیں کر رہے تھے اور انتہائی مسرت اور سرخوشی میں پانی میں کھیل رہے تھے حضرت شیخ مغربی نے دیکھا کہ حضرت قطب العالم اچھے موڈ میں ہیں تو آپ نے پانی میں غوطہ لگا کر پیچھے سے حضرت قطب العالم کی آنکھوں پر اپنے دونوں ہاتھ رکھ دیئے حضرت قطب العالم نے فرمایا چھوڑ دو میں نے پہچان لیا شیخ احمد مغربی ہو حضرت مخدوم نے فرمایا کہ آپ نے اپنے فرزندِ سعید شیخ محمود کو جس دریائے محبت کے خم پلائے ہیں اسی میں سے ایک قطرہ اگر حضرت شاہ عالم کو بھی عطا فرما دیں تو میں ہاتھ ہٹا لوں گا فرمایا منظور ہے۔
روایت ۸؎ ایک روز حضرت شاہ عالم قد سرہٗ حضرت قطب العالم کی اجازت کے بغیر سرخیز تشریف لے گئے اتفاقاً اسی دوران میں حضرت قطب العالم نے آپ کو یاد فرما لیا کسی نے عرض کیا کہ سرخیز تشریف لے گئے ہیں۔ حضرت شاہ عالم کو جب پتہ چلا کہ ان کی عدم موجودگی میں حضرتِ والا نے یاد فرمایا تھا تو بہت ڈرے کہ حضور ناراض ہوں گے چند آدمیوں سے آپ نے کہا کہ حضرت قطب العالم کی خدمت میں رہ کر معلوم کریں کہ کس وقت آپ کی طبیعت کا انداز خوشی کا ہے چنانچہ آپ کو ایک شخص نے اطلاع دی کہ اس وقت حضرت قطب العالم خوش نظر آ رہے ہیں اور غسل کے لئے کرسی پر تشریف فرما ہیں اور آپ ہی کو یاد فرما رہے ہیں حضرت شاہ عالم ڈرتے ڈرتے دوڑ کر حاضر خدمت ہوئے اور اپنا سر مبارک حضرت قطب العالم کے قدموں میں رکھ دیا اور رونے لگے حضرت قطب العالم نے فرمایا
آذ لکوں شیخ احمد ہم سے الگ نہیں ہیں ہمارے ساتھی ہیں لیکن ہم نے تم سے کون سی چیز میں کمی کی ہے۔

حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادۂ گرامی سید احمد المعروف بہ شاہ پیر کے حالات کا بیان

روایت ۱؎ حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند صدری و معنوی اور خلیفہ و شاگرد حضرت سید احمد شاہ پیر کی منقبت کے بارے میں شیخ حسن خوندہ شہ بیان کرتے ہیں کہ ایک روز حضرت شاہ عالم کے ہمراہ رسول آباد سے بٹوا آ رہے تھے جب آپ کو دور سے حضرت قطب العالم کا روضہ نظر آیا تو آپ فوراً گھوڑے سے اتر آئے اور تیز چلتے ہوئے مزار شریف کے اندر گئے اور اپنے ہاتھ سے دروازہ بند فرما لیا اور خادمِ مزار شیخ جمال کو حکم دیا کہ صرف اسی شخص کو اندر آنے دو جو پاک صاف اور با وضو ہو۔اس نے تعمیل حکم کی بعض نیک بخت اور خوش نصیب لوگ جو پوری طرح با وضو تھے اندر چلے گ آئے حضرت شاہ عالم نے اپنے مبارک ہاتھ سے قبر مبارک کی طرف اشارہ کر کے فرمایا کہ باریابی کی ساعت ہے اپنے اپنے استعداد کے مطابق حاجات پیش کرو بعد ازاں نماز مغرب کے لئے کعبہ کی طرف رخ فرمایا اور میرا (شیخ حسن خوندہ شہ)کا ہاتھ پکڑ کر امامت کے لئے آگے کر دیا اس عاجز نے دستار کا شملہ نیچے کرنا چاہا کہ اتنے میں دل میں خیال آیا کہ حضرت قطب العالم کے مزار کی جانب میں نے کبھی پیٹھ نہیں کی اب کیسے یہ بے ادبی کروں۔حضرت شاہ عالم میری اس کیفیت کو نورِ باطنی سے سمجھ گئے مجھے کاندھے سے پکڑ کر پیچھے ہٹا دیا اور خود امامت کے لئے آگے بڑھے تکبیر تحریمہ کہنے ہی والے تھے کہ آپ کو بھی یہ احساس ہوا کہ پشت قبر مبارک کی طرف ہو گئی اس لئے وہاں سے جماعت سمیت باہر تشریف لے آئے اور تکبیر تحریمہ کہہ کر نماز شروع فرمائی اور خراسانی لہجہ میں قرأت کی اور حضور قلب کی شدت کے باعث قعدۂ اولیٰ میں سلام پھیر دیا اور میری طرف دو انگلیوں سے اشارہ کیا کہ دو رکعت اد ا ہوئیں ہیں میں نے عرض کیا جی ہاں دوبارہ نماز کی نیت فرما رہے تھے کہ اچانک حضرت شاہ پیر سید احمد تشریف لے آئے اور حضرت شاہ عالم کا کندھا پکڑ کر فرمایا آج اگر اجات دیں تو میں نماز پڑھاتا ہوں یہ بات میں حضرت قطب العالم کے ایما پر عرض کر رہا ہوں۔پھر شاہ احمد شاہ پیر امامت کے لئے کھڑے ہوئے اور سب لوگوں کو حرمِ کعبہ میں نماز پڑھائی نماز ادا فرمانے کے بعد مزار مبارک کے اندر تشریف لے گئے اور دروازہ بند کر لیا کچھ وقت کے بعد باہر جوتوں کے پاس آ کر کھڑے ہو گئے اور حاضرینِ مجلس کے سامنے قبر مبارک کی طرف انگشت شہادت سے اشارہ کر کے فرمایا جو کچھ ملا ہے اسی بزرگ کی بدولت ملا ہے۔

شاہ شیخ محمد بن حضرت قطب العالم کے حالات کا بیان

روایت ۱؎ سید محمد اصغر عرف شیخ محمد حضرت قطب العالم کے چوتھے صاحبزادے اور آپ کے مرید خاص اور خلیفہ ہیں۔آپ ایک روز بادشاہ وقت سلطان مظفر کے دربار میں تشریف فرما تھے سلطان بلبلوں کی لڑائی کا تماشہ دیکھ رہے تھے سلطان کا جانور سب جانوروں سے بڑا تھا اس لئے کوئی دوسرا جانور اس کے مقابلے میں نہیں لڑتا تھا اور سب بلبل اس کو دیکھ کر بھاگتے تھے۔کہتے ہیں کہ سلطان کا بلبل اپنے حریف بلبل کی سرخ جگہ کو اس زور سے چونچ میں دباتا تھا کہ جب تک دوسرا بلبل ہار مان کر بھاگ نہیں جاتا تھا اسے چھوڑتا نہیں تھا۔اس لڑائی کے دوران ایک شخص کے ہاتھوں میں بلبل تھا حضرت شیخ محمد نے اس کے ہاتھ سے بلبل لے کر بادشاہ کے بلبل کے سامنے چھوڑا۔ وہ بلبل شاہی بلبل سے لڑنے لگا دونوں آپس میں الجھ گئے اور مقابلہ میں کسی نے بھی کمی نہیں کی شاہی بلبل نے جب اپنے حریف کی سرخ جگہ کو اپنی گرفت میں لیا تو بادشاہ نے اور سب لوگوں نے نعرے لگائے اور ہنگامہ شروع کر دیا کہ شیخ محمد کا بلبل بھاگ نکلا اس وقت شیخ محمد کی زبان سے بے ساختہ نکلا المدد بابا جی اتنا کہنا تھا کہ بادشاہ کا جانور ہار کر بھاگ نکلا۔بادشاہ شرمندہ ہو کر کہا میاں جی ! بلبلوں کی لڑائی میں باباجی کا مبارک نام لینا کہاں کا انصاف ہے۔

حضرت شاہ صادقؔ محمد۔شاہ سالمؔ اور شاہ راجوؔ کے حالت کا تذکرہ

یہ تینوں بھائی بھی حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کے فرزندگان گرامی اور آپ کے خلفاء اور شاگرد تھے ایک روز تینوں بزرگ اپنے اپنے گھروں سے اپنے والد بزرگوار کے مزار کی طرف جا رہے تھے اتفاقاً ایک تنگ گلی میں سے گذرے تینوں میں سے ہر ایک تواضعاً دوسرے کو آگے چلنے کا کہ رہے تھے کہ اچانک شاہ راجوؔ نے فرمایا بھائی صاحبان آپ کو یاد ہے کہ اس سے قبل ہم کم عمر تھے تختی لے کر مدرسہ تک اڑ کر پہنچتے تھے اور استاد کی خدمت میں جا پہنچتے تھے اور پھر استاد کے مکان سے اسی طرح اڑ کر واپس اپنے گھر آ جاتے تھے دونوں اپنے چھوٹے بھائی کی یہ بات سن کر ان سے کہنے لگے کہ اب ہمیں اس بات کو سر عام ظاہر نہیں کرنا چاہیئے۔

شاہ سالمؔ بن حضرت قطب العالم

روایت ۱؎ آپ حضرت قطب العالم کے فرزند اور آپ کے مرید۔خلیفہ اور شاگرد رشید تھے۔حضرت شاہ سالم کا کوئی حقیقی بھائی نہیں تھا آپ عمر میں سب سے چھوٹے تھے اور بہت کمزور تھے ایک روز ان کی والدہ نے ممتا کی وجہ سے حضرت قطب العالم سے عرض کیا کہ میرا بچہ بہت کمزور اور لاغر ہے اس کے حال پر توجہ مبذول فرمائیں تاکہ طاقتور ہو جائے آپ نے فرمایا کوئی حرج نہیں تیرے بچہ کی بہت اولاد ہو گی اور اس کی کمزوری دوسروں پر غالب رہے گی چنانچہ حضرت شاہ سالم اپنی اولاد کی کثرت کی باعث حضرت قطب العالم کی تمام فرزندوں میں ممتاز ہیں آپ کو سماع کا بہت ذوق تھا اور آپ پر اس سے بڑی کیفیت طاری ہوتی تھی حتّٰی کہ تین تین بلکہ چار چار دن تک وجد رقص کی حالت میں رہتے تھے اور کھانے پینے کا ہوش بھی نہ رہتا۔ ایک روز شہر احمد آباد کے قاضی آپ کو نصیحت کرنے کے لئے آیا اس نے دیکھا کہ رقص و سرور کی محفل برپا ہے آپ کو روکنے لگا حضرت شاہ سالم نے تیکھی نظروں سے اسے دیکھا قاضی نے کہا۔ میں آپ کی تیز نظروں سے ڈرنے والا نہیں جس قدر حضرت شاہ سالم نرمی سے پیش آتے اور معذرت خواہی کرتے اتنا ہی وہ بدتمیزی سے پیش آتا اور شور کرنے لگا۔ حضرت شاہ سالم نے فرمایا قاضی صاحب درد مند فقیروں کی آہ کے تیر سے ڈریئے قاضی اپنی حدود سے تجاوز کر کے کہنے لگا میں حضرت شاہ عالم کا مرید ہوں اور ان کی ڈھال رکھتا ہوں تمہاری آہ کے تیر سے مجھے کوئی خطرہ نہیں۔شاہ سالم ہنس پڑے فرمایا میں شاہ عالم کا بھائی ہوں تم سے زیادہ انہیں میرا پاس خاطر عزیز ہے اور یا شاہ عالم کا نعرہ لگایا اور کہنے لگے میں اس قاضی سے جتنا نرمی اور خوش اخلاقی سے پیش آیا یہ اتنا ہی سختی اور بد خلقی کا مظاہرہ کرتا رہا اور کہتا ہے میرے پاس شاہ عالم کی ڈھال ہے آپ میری خاطر وہ ڈھال قاضی کے سامنے سے ہٹا لیجئے پھر آپ نے قاضی فرمایا کہ بھائی منجھلا (حضرت شاہ عالم) نے وہ ڈھال ہٹا لی ہے اب خیر اسی میں ہے کہ واپس چلا جا ورنہ تیکھا تیر تو اپنے جگر میں پیوست سمجھ لے حتیٰ کہ تو خیر سے اپنے گھر بھی نہیں پہنچ پائے گا قاضی صاحب حد سے بڑھے تو اچانک اس کے پیٹ میں درد اٹھا اور بے تاب ہو گیا قاضی کے نوکروں نے اسے پالکی میں بٹھا کر احمد آباد کا رخ کیا مگر وہ راستے میں دم توڑ گیا۔
روایت ۲؎ حضرت شاہ سالم بہل پر سوار ہو کر جا رہے تھے آپ کے ساتھ آپ کے بھتیجے شاہ شعیب بھی تھے اچانک حضرت شاہ سالم رونے لگے حتیٰ کہ بہل سے نیچے گر گئے ایک قبر وہاں تھی ہاتھ باندھے وہاں کھڑے ہو گئے اور زور زور سے رو رہے تھے اور کانپ رہے تھے چاشت سے لے کر مغرب یونہی کھڑے کھڑے ہو گئی آپ مسلسل روئے چلے جا رہے تھے پھر اچانک آپ کے چہرے پر مسرت کے آثار پیدا ہوئے اور آپ وہاں سے واپس پلٹے شاہ شعیب نے پوچھا چچا جان یہ کیا قصہ ہے از راہِ کرم بتائیں آپ نے فرمایا اس قبر والے کو درد ناک عذاب ہو رہا تھا اس لئے میں نے غفور و رحیم کی بارگاہ میں اس کی گلو خلاصی کی درخواست پیش کی مگر قبول نہیں ہوئی جب میں نے بابا جی کا واسطہ دیاتو میری بات مان لی گئی اس کو عذاب سے نجات ملی اور اس کی مغفرت ہو گئی۔
روایت ۳؎ حضرت قطب العالم کے صاحبزادگان بچپن میں کھیل رہے تھے سب نے مل کر شاہ راجو زکومین پر گرا کر مکے مار مار کر ان کی پیٹھ زخمی کر دی شاہ راجو روتے ہوئے والد ماجد کی خدمت میں آئے اور حضرت قطب العالم سے فریاد کی کہ میری کمر پر بارہ مکے بھائیوں نے مارے ہیں حضرت قطب العالم نے فرمایا کہ بھائیوں نے دیکھا کہ تمہا ری پشت میں کوئی اولاد نہیں ہے تو شفقت کی بنا پر ایک ایک مکے کے عوض ایک ایک لڑکا آپ کے لئے طلب کیا بھائیوں کی طرف سے دل میلا نہ کرو ان کی طرف سے دل صاف کر لو حق تعالیٰ تمہیں بارہ بچے عطا فرمائے گا چنانچہ آپ کو بارہ لڑکے نصیب ہوئے۔
جن کے نام یہ ہیں۔
۱سید زین العابدین
۲۔سید فضل اللہ
۳۔سید شعیب
۴۔سید خان
۵۔سید شاہ محمد
۶۔سید محمود
۷۔سید ولی
۸۔سید برہان الدین
۹۔سید پیر
۱۰۔سید کبیر
۱۱۔سید حامد
اور ایک صاحبزادے کا نام یاد نہیں۔

سید حامد بن حضرت قطب العالم رحمۃ اللہ علیہ کا ذکر

روایت ۱؎ حضرت سجادہ نشین شیخ محمود دریا نوش نے فقراء کے لنگر اور عرس وغیرہ کے اخراجات کی دیکھ بھال سید حامد کے سپرد کر رکھی تھی ایک روز ملازم نے ادھ جلی لکڑیاں جو لنگر کا کھانا پکنے کے بعد بچ گئی تھیں اٹھا کر رکھ دیں اور ا س ایندھن سے تہجد کے لئے پانی گرم کر دیا جب آپ نماز کے لئے کھڑے ہوئے تو حضور و صفاء قلب میں عجیب کیفیت محسوس ہوئی جب صبح ہوئی تو ملازم سے پوچھا کہ آج ایندھن اور پانی کہاں سے لائے تھے اس نے عرض کیا بڑے باورچی خانہ سے ادھ جلا ایندھن بچا ہوا لے آیا تھا یہ سنتے ہی آپ ننگے پاؤں حضرت شاہ محمود کی خدمت میں پہنچے اور عرض کیا کہ مجھے اس خدمت سے معزول فرما دیجئے اور معذور رکھیئے کہ مجھ سے اس خدمت کا صحیح حق ادا نہیں ہو سکتا۔حضرت شاہ محمود دریانوش نے تسلی دی اور توجہ باطنی آپ پر ڈالی جس سے اکثر تاریکی کے پردے اٹھ گئے اور سلوک کے مرتبوں میں بہت ترقی فرمائی۔

حضرت شیخ صالح رحمۃ اللہ علیہ کا ذکر

عالم ربانی اور عارف حقانی حضرت مخدوم شیخ صالح رحمۃ اللہ علیہ بھی حضرت قطب العالم کے فرزند و مرید اور خلیفہ تھے شاہ حامد آپ کے حقیقی بڑے بھائی تھے علوم عجیب و غریب کے عالم اور خزانۂ الٰہی میں تصرف کی طاقت آپ کو حاصل تھی ایک روز سلطان مظفر نے چاہا کہ لشکرو حشم کے ساتھ حضرت شیخ صالح سے ملیں اور کارخانۂ الٰہی میں تصرف کا بچشم خود معائنہ کریں جب اس کی خبر حضرت مخدوم شیخ صالح کو ہوئی تو آپ نے ارادہ فرمایا کہ سونے اور جواہر سے مرصع ایک گھر تیار کیا جائے چشم زدن میں سونے کا ایک مرصع مکان تیار ہو گیا جب سلطان اس مکان میں پہنچا تو دیکھا کہ بالکل بہشت کا نمونہ کا مکان ہے شیخ کی عظمت اور آپ کا رعب اس قدر غالب ہوا کہ ہاتھ باندھ کر آپ کے سامنے کھڑا ہو گیا اور زمین پر بیٹھنا بھی پسند نہ کیا حضرت شیخ نے بہت سے تبرک عطا فرما کر رخصت کیا پھر اس گھر کو اکھاڑ کر تمام زر و جواہر فقراء میں تقسیم کر دیئے۔

حضرت شاہ محمد زاہد قدسرہٗ کے حالات کا بیان

عارف وزاہد حضرت شاہ زاہد بھی حضرت قطب العالم کے فرزند و مرید تھے اور تربیت و خلافت حضرت شاہ عالم سے حاصل ہوئی اس کی وجہ آخر میں بیان کی جائے گی کہ آپ حضرت شاہ عالم کے زیر تربیت کیوں رہے اور آپ کو ان سے خلافت کیوں ملی۔اس سلسلۂ عالیہ کی کتابوں سے یہ بات بالتواتر ثابت ہے کہ آپ کو بچپن سے ہی سید الانبیاء حضور نبی کریمﷺ کی ذات اقدس سے خصوصی تعلق خاطر پیدا ہو گیا تھا۔جن دنوں حضرت قطب العالم نے حضرت شاہ عالم کو سلطان قطب الدین کی امداد و اعانت کے لئے مامور فرمایا اور سلطان قطب الدین کو اپنا حریف سلطان مالوہ سلطان محمود خلجی پر فتح حاصل ہوئی جبکہ اس کا ذکر پہلے آ چکا ہے۔ سلطان قطب الدین نے نذر مانی تھی کہ اگر مجھے فتح ہوئی تو ہر پیغمبر کے نام کی ایک ایک اشرفی خیرات کروں گا جب بزرگوں کی تائید سے بادشاہ کو فتح حاصل ہوئی اور خود مختار بادشاہت کے ساتھ احمد آباد پہنچا اور حکومت کرنے لگا تو نصف حصہ اپنی نذر کا حضرت شاہ عالم کی خدمت میں بھیجا آپ نے قبول نہ فرمایا اور واپس لوٹا دی سلطان قطب الدین حضرت قطب العالم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا کہ اتنی اشرفیاں حضرت شاہ عالم کی خدمت میں بھیجی تھیں مگر انہوں نے قبول نہیں کیں اور واپس کر دیں حضرت نے فرمایا میاں منجھلا تم بادشاہ کی فتوحات قبول کر لو کیونکہ فتوحات کو رد کرنا فیوضات الٰہیہ کے کھلے دروازے بند کرنے کے مترادف ہے حضرت شاہ عالم نے فوراً عرض کیا حضرت ! یہ فتوحات نہیں ہے نذر ہے اور نذر قرض ہے حضرت قطب العالم خاموش رہے اور کوئی جواب نہیں دیا اچانک حضرت شاہ عالم کو اپنی باطنی کیفیات میں کمی محسوس ہوئی اور تعلق باللہ اور نبی الانبیاء ﷺ سے نسبت میں فرق آ گیا حضرت شاہ عالم حجرے میں جا کر رونے لگے اور سخت دکھی اور بے چینی محسوس کرنے لگے اور کھانا پینا چھوڑ دیا یہاں تک کہ تین روز اسی کیفیت میں گذر گئے حضرت شاہ عالم کے چھوٹے بھائی شاہ زاہد اس وقت کم عمر بچے تھے لیکن حق تعالیٰ نے حضور نبی اکرمﷺ کو آپ کے حال بہت زیادہ مشفق و مہربان فرما دیا تھا چنانچہ حضرت نے حضرت شاہ زاہد کو حکم دیا کہ جلد اپنے والدِ ماجد کی خدمت جا کر ان سے کہو کہ ہماری خاطر حضرت شاہ عالم پر از سر نو مہربان ہو جاؤ کہ ان کے حالات یکساں نوعیت پر ہیں شاہ زاہد نے اپنی دایہ کو جگا کر اشارہ کیا کہ مجھے حضرت قطب العالم کے پاس لے چلو دایہ آپ کو لے کر جب حضرت قطب العالم کے حجرے کے دروازے پر پہنچی تو اس نے دیکھا کہ حضرت قطب العالم اندر تنہائی میں ہیں اور کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہے وہ باہر رک گئی شاہ زاہد نے رونا شروع کر دیا اور کہنے لگے مجھے حضور رسالت مآبﷺ نے بھیجا ہے دایہ مجھے اندر کیوں نہیں جانے دیتی شاہ زاہد رو رہے تھے مگر دایہ آپ کو اندر جانے سے روک رہی تھی جب آپ کے رونے کی آواز حضرت قطب العالم کے کانوں تک پہنچی تو آپ نے شاہ زاہد کو اندر بلا لیا اور واقعہ کی حقیقت فرزند ارجمند کی زبانی سنی اور فرمایا کہ شاہ عالم کے پاس جلدی جا کر ان کو بلا لاؤ تم اپنے بھائی کا وسیلہ بنے ہو تمہارا بھائی شاہ عالم اللہ کے ہاں تمہارا وسیلہ بنے گا شاہ زاہد شاہ عالم کے پاس آئے اور عرض کیا کہ بابا جی آپ کو بہت جلد آنے کا فرما رہے ہیں شاہ عالم نے اپنا سر ننگا کر لیا اور گلے پر سے کپڑا ہٹا لیا اور گلے میں رسّی ڈال کر چہرے پر رنگ مل لیا اور خادموں سے فرمایا کہ یہ رسّی پکڑ کر ہمیں ننگے پاؤں اسی حالت میں حضرت قطب العالم کے پاس لے چلو کسی نے آپ کی یہ بات نہ مانی پھر آپ نے اپنے خلیفۂ اعظم میاں مخدوم کو حکم دیا اور میاں مخدوم کو آپ نے (انت وزیری فی الدنیا والآخرۃ)(تم دنیا و آخرت میں میرے وزیر ہو ) کا خطاب دے رکھا تھا میاں مخدوم نے آپ کا حکم تسلیم کر لیا اور اسی حالت میں رسّی پکڑ کر آپ کو باندھے ہوئے حضرت قطب العالم کے پاس لے آئے حضرت قطب العالم نے حضرت شاہ عالم کی یہ فرماں برداری دیکھی تو بہت زیادہ شفقت و عنایت سے پیش آئے اور اپنے مبارک ہاتھوں سے آپ کے نازنیں گلے سے رسّی کو آپ نے اور آپ کے خدّام نے مل کر کھولا پھر آپ نے ان کا چہرہ پانی سے دھویا ان کے کپڑے صاف کئے اور اپنا خرقہ مبارک اتار کر ان کو پہنایا اس دن سے حضرت شاہ زاہد حضرت شاہ عالم کے ساتھ رہنے لگے حضرت شاہ عالم نے ہی آپ کی تربیت فرمائی اور جب بڑے ہوئے تو طہارت ظاہری اور باطنی پاکیزگی اور تقویٰ و زہد اختیار فرمایا چنانچہ ان کے بارے میں حضرت شاہ عالم فرمایا کرتے تھے کہ ہماری پاکیزگی اور طہارت تو ہمارے بھائی شاہ زاہد کے استنجاء کی طہارت کا مقابلہ نہیں کر سکتی حضرت شاہ زاہد کو نماز کا امام بنا دیا چنانچہ پنج وقتہ نماز آپ ہی پڑھایا کرتے تھے اور حضرت شاہ عالم نے اپنے وصال کے وقت شاہ زاہد کو بلایا آپ نے اپنا پاؤں ہلایا تو زنجیر کی آواز پیدا ہوئی جسے تمام حاضرین نے بھی سنا پھر آپ نے اپنی زبان مبارک سے فرمایا کہ یہ کارخانۂ الٰہی میں تصرف کی کنجی ہے جو میرے پاؤں میں پڑی تھی اب اسے میں تمہارے حوالہ کرتا ہوں شاہ زاہد نے عرض کیا کہ میں نے آپ کی خدمت ان چیزوں کے حصول کے لئے نہیں کی تھی میرے والدِ محترم نے میرا نام زاہد رکھا ہے مجھے اس کے بدلے میں درویشی کے اسرار عطا فرما دیجئے چنانچہ شاہ عالم نے آپ کو اپنی ٹوپی اور خاص خرقہ عطا فرمایا ٭ اس تقرب قطب العالمین پر اللہ کا شکر ہے۔

حضرت شاہ محمد امین کا تذکرہ
٫
آپ حضرت شاہ زاہد کے بڑے بھائی تھے آپ کا انتقال اپنے بھائی کی زندگی ہی میں ہوا جب آپ کو دفن کیا گیا تو پہلی رات کو خواب میں آ کر آپ نے اپنے بھائی سے کہا کہ میری ایک انگلی تابوت کے تختہ کے نیچے پھنس گئی ہے اس کو نکال دو۔ شاہ زاہد نے قبر وا نہیں کی ا اور کوئی کار روائی نہ فرمائی دوسری اور تیسری رات کو بھی ایسا ہی ہوا شاہ زاہد نے پردہ باندھ کر قبر کو کھودا اور دیکھا کہ واقعی پاؤں مبارک کی انگلی تابوت کے تختہ کے نیچے دب گئی ہے اور خون ٹپک رہا ہے چنانچہ وہاں سے انگلی کو نکال کر قبر مبارک پھر بند کر دیا گیا۔

حضرت شاہ فردوس کے مناقب کا بیان
٫
روایت ۱؎ حضرت قطب العالم کی چوتھی بیگم بی بی جام زادی کے بطن سے حضرت شاہ فردوس بیگم پیدا ہوئیں بی بی جام زادی جن دنوں حاملہ تھیں اور شاہ فردوس ان کے پیٹ میں تھیں ان کے پیٹ کے اندر سے قرآن مجید پڑھنے کی آواز آتی تھی جسے سب حاضرین سن لیتے تھے بی بی جام زادی اس واقعہ سے حیران تھیں حضرت قطب العالم کو خبر ہوئی تو آپ نے اپنا دست مبارک پیٹ پر رکھ کر اس مضمون کو دل میں سوچا کہ ؎ قصہ کوتہ کن کہ ہستی در حجاب۔ ہاں خمش والد اعلم بالصواب۔
جب مدت حمل پوری ہو گئی تو ایک بچی پیدا ہوئی حضرت قطب العالم نے اس کا نام فردوس رکھا اور خدا کی طرف سے اسے شاہ فردوس کا خطاب ملا ان کی ایک ہمشیرہ کو شاہ مریم کا خطاب حاصل تھا شاہ فردوس کوئی حرف زبان سے ادا نہیں کر سکتی تھیں حضرت چنانچہ سب نے سمجھ لیا کہ آپ مادر زاد گونگی ہیں جب آپ کی عمر مکتب جانے کی ہوئی تو حضرت قطب العالم نے فرمایا بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھو کہنے لگیں انتیس (۲۹) پارے حفظ کر لئے تھے کہ چپ رہنے کا حکم ملا آپ کیا اس پارہ کو جو باقی رہ گیا ہے پڑھنے کا حکم دے رہے ہیں۔حضرت نے فرمایا ہاں ‘‘ کسی معلم ظاہری سے دوبارہ پڑھو چھ ماہ کے عرصہ کے بعد جب رمضان المبارک کا مہینہ آئے تو تراویح میں ختم کرنا چنانچہ مذکورہ مدت میں جب حضرت فردوس کی عمر قریباً پانچ برس کی تھی آپ نے تراویح میں قرآن ختم کیا۔
روایت ۲؎ محل کی ایک عورت جو حضرت شاہ عالم کی مرید تھی اس نے آپ سے لڑکے کی درخواست کی حضرت شاہ عالم نے اسے لڑکے کی بشارت دی یہ خوشخبری سن کر وہ عورت محل میں آئی اور کہنے لگی میرے ہاں لڑکا پیدا ہو گا شاہ فردوس بیگم نے سنا تو فرمایا لڑکی ہو گی وہ عورت حضرت شاہ عالم کے پاس گئی اور کہا کہ شاہ فردوس نے یوں کہا ہے حضرت شاہ عالم نے فرمایا لڑکا ہو گا جب وضع حمل ہوا تو لڑکا پیدا ہوا شاہ فردوس کو یہ خبر پہنچی تو فرمایا غلط بات مت کہو لڑکی ہو گی خدا کی قدرتِ کاملہ دیکھیئے کہ نومولود میں نمدانی علامات نمودار ہو گئیں حضرت شاہ عالم کو پتہ چلا تو فرمایا میری بہن سے بحث مت کرو دوسری مرتبہ لڑکے کی درخواست کرو تو لڑکا پیدا ہو گا۔
روایت ۳؎ شاہ فردوس بیگم پر وضو کے دوران جذبہ طاری ہو گیا اسی کیفیت میں آپ نے نماز و نیاز بھی ادا نہ کی ضرورت مند لوگ وضو کے وقت آ کر کھڑے ہو جاتے اور اپنی ضرورتیں پیش کرتے تھے اور شاہ فردوس پانی اوپر کی طرف اچھال کر فرمایا کرتیں تھیں۔ راجن جی تجھکن تجھی کوں مانگوں (اے خدا میں تجھ سے تجھی کو مانگتی ہوں ) اور لوگوں کی مرادیں بر آتی تھیں۔چنانچہ ایک روز کا واقعہ ہے سلطان محمود بیگڑا کی عورت اپنے دل میں کوئی نیت رکھ کر آپ کو وضو کرانے کے لئے کھڑی ہوئی آفتابہ اس کے ہاتھ میں تھا ایک نفسانی وسوسہ نے اس کے دل میں سر اٹھایا کہ میں گجرات کے بادشاہ کی بیگم ہو کر ایک فقیر عورت کے حضوری دست بستہ کھڑی ہوں میں ایسا کیوں کروں یہ خیال دل میں گذرتے ہی شاہ فردوس نے اس سے مخاطب ہو کر فرمایا آفتابہ چھوڑ دے کہ اس نے بہت اصرار کیا کہ نہیں میں وضو کراؤں گی مگر آپ نے قبول نہ فرمایا اور اسے آفتابہ نہ لینے دیا آفتابہ ہوا میں معلق ہو گیا وہیں سے خود بخود پانی گرتا رہا اور آپ نے وضو مکمل کر لیا۔

حضرت شیخ حسن فقیہ رحمۃ اللہ علیہ کا تذکرہ

آپ حضرت قطب العالم کے خلیفۂ اجل اور قابل احترام مریدوں میں سے ہیں بارگاہ خداوندی کے مقبول اور اپنے وقت کے غوث الاعظم تھے بہت بڑے فقیہ اور صاحب عقل و دانش تھے آپ کے والد کا نام قاضی قطب الدین تھا قاضی صاحب موصوف آپ کی ولادت سے قبل حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ سے نیاز مندی کا خصوصی تعلق رکھتے تھے ایک روز آپ کو خواب میں حضور کی زیارت نصیب ہوئی آپ قدم بوسی کے شرف سے مشرف ہوئے حضور ﷺ نے ان کے حق میں قاضی قطب الدین سے فرمایا۔یا قاضی انالقاضی انت القاضی ہٰذا حسن و انت حسن وھوثانی الحسن فقال القاضی یارسول اللہ الحسن قال الحسن البصری رضی اللہ عنہ جب شیخ حسن جوان ہوئے تو ان کے والد دوبارہ حضور ﷺ کی زیارت سے مشرف ہوئے اور حضور ﷺ نے حضرت قطب العالم کی طرف اشارہ فرمایا حضرت قطب العالم نے شیخ حسن فقیہ کا ہاتھ پکڑ لیا صبح کو آپ نے یہ واقعہ اپنے بیٹے حسن فقیہ کو رات کا خواب کا واقعہ سنایا شیخ حسن فقیہ کے دل میں حضرت قطب العالم کی خدمت میں رہنے کا شوق پیدا ہوا جب آپ حضرت قطب العالم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو حضرت قطب العالم نے اسی انداز میں آپ کا ہاتھ پکڑا جس طرح کہ حضور نبی کریم ﷺ کے سامنے پکڑا تھا شیخ کو اور زیادہ عقیدت و محبت آپ کی ذاتِ گرامی سے ہو گئی سات مرتبہ زمین بوسی کی حضرت قطب العالم نے آپ کو گلے لگا کر سرفراز فرمایا اور تین مرتبہ فرمایا۔احسن۔ احسن۔احسن۔(بہت عمدہ بہت اچھا )پھر حضرت قطب العالم کی بیعت سے مشرف ہوئے اور آپ حضرت قطب العالم کی خدمت میں مصروف ہو گئے تیس(۳۰)برس تک آپ نے حضرت قطب العالم کی خدمت کی لازم کئے رکھا اس پوری مدت میں کبھی آپ نے حضرت قطب العالم کا چہرہ بغیر وضو کے نہیں دیکھا تا آنکہ آپ کو غوث کا خطاب ملا۔
روایت ۲؎ حضرت شاہ عالم فرماتے ہیں کہ ایک رات مجھے حضرت قطب العالم نے شاہ کا خطاب مرحمت فرمایا اور شیخ حسن کو غوث کے خطاب سے نوازا گیا شیخ کی اولاد میں غوث کا خطاب اب تک باقی ہے۔
روایت ۳؎ ایک روز شیخ حسن فقیہ نے حضرت قطب العالم سے درخواست کی کہ اگر حکم ہو تو بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دیا کروں۔حضرت قطب العالم کی درخواست قبول ہوئی شیخ موصوف ہر ایک پیر زادے کو تختی پر لکھ کر ایک طرف سورۂ الحمد یا سورۂ قل ھو اللہ پڑھاتے تھے اور دوسری جانب سورۂ قطب عالم لکھ دیتے تھے ایک روز ایک صاحبزادے نے فرمایا فلاں چیز میری ہے شیخ حسن یہ سن کر رنجیدہ ہو گئے اور اس بچے کو وقت پر رخصت نہ دی جب سارے صاحبزاگان حضرت قطب العالم کی خدمت میں پہنچے تو آپ نے پوچھا تمہارا بھائی کہاں ہے انہوں نے عرض کیا کہ شیخ حسن نے انہیں چھٹی نہیں دی آپ نے پوچھا اس کا قصور کیا ہے سب نے عرض کیا کہ اس نے سبق تو پڑھ لیا تھا مگر رخصت نہیں ملی جب آپ نے سب سے پوچھا تو شیخ حسن حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ اس نے تختی کی ایک طرف کا سبق تو یاد کر لیا تھا مگر دوسری طرف کا سبق بھول گیا تھا۔
روایت ۳؎ شیخ حسن فقیہ نے یہ التزام کر رکھا تھا کہ حضرت قطب العالم کو دیکھنے سے پہلے ایک ہزار مرتبہ یہ درود پڑھتے تھے کہ۔اللّٰھم صلی علیٰ سیدنا محمد و علیٰ محمد بعدد انفاس المخلوقات وصلی علیٰ سیدنا محمد و علیٰ آلِ محمد بعدد اشعار الموجودات و صلی علیٰ سیدنا محمد و علیٰ آل محمد بعدد حروف اللوح والدعوات وصلی علیٰ سیدنا محمد و علیٰ آل محمد بعدد البدیات والبنایت من الموجودات والعدوم الیٰ ابد الآباد من اول ازلہ و رسطہ حشرہ و آخر بقائد وصل علیٰ جمیع الانبیاء والمرسلین والملاء کۃ المقربین وعلیٰ عباد اللہ الصٰلحین۔

حضرت شیخ عبد الطیف کے حالات کا بیان

آپ عالم باعمل اور عارف کامل تھے اور حضرت قطب العالم کے سب سے بڑے اور بزرگ خلیفہ تھے اور حضرت قطب العالم کے ہم پیالہ و ہم نوالہ دوست بھی تھے حضرت قطب العالم آپ کو اکثر اپنا بارھواں لڑکا کہا کرتے تھے جو شخص بھی حضرت قطب العالم کو آپ کے آنے کی خبر دیتا اگر مسلمان ہوتا تو ایمان کی خوش خبری پاتا اور اگر غیر مسلم ہوتا تو سونے کا تمغہ انعام دیتے۔آپ بہتر پرہیزگار زاہد و عابد متوکل اور متقی بزرگ تھے۔تواتر سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ آپ قطب کے مقام عالی پر فائز تھے آپ نے نو کتابیں تصنیف کی ہیں ان میں چند ایک اب بھی ملتی ہیں ایک کا نام لطائف برہانی اور ایک کتاب کا نام منشورؔ خلافت ہے۔بیان کرتے ہیں کہ شیخ کے پاس ضرورت کے مطابق روزی کا انتظام بھی نہیں تھا شیخ کے صاحبزادوں نے شیخ کے خادم عبد الملک سے کہا کہ وہ حصہ جو جزیہ میں سے ہے لے آؤ خادم نے دوستی سے جواب دیا کمر کش اور کھانڈ بیچ کر آیا ہوں کہ ابھی جا کر معدے سے لے آؤں اپنے والد سے کہو کہ بادشاہ کی طرف سے امداد قبول کر لیں۔ پھر آپ کے اہل و عیال اور بیوی بچے آپ کی خدمت میں آئے اور کھانے پینے کی ضروریات کی درخواست کی شیخ نے ترش روئی سے فرمایا جب میں نے کبھی کوئی چیز قبول نہیں کی تو اب کیا مصلیٰ کے نیچے سے نکال کر تمہیں دوں جب شیخ کو اولاد نے بہت تنگ کیا تو آپ نے ان کو تسلی دینے کے لئے فرمایا حضور نبی کریمﷺ فقر کی قدر جانتے تھے اسی لئے حضور کا ارشاد گرامی ہے کہ الفقر فخری (فقیر میرے لئے باعث فخر ہے )ہم کہ اس دروازے کے کتے ہیں ہم حضور کی پیروی کیونکر چھوڑ سکتے ہیں ہمارے پیر دستگیر نے بارہا اور کئی مرتبہ خزائن الٰہی میں تصرف کی پیشکش فرمائی مگر میں نے اسے پسند نہ کیا لیکن اچھا اب اگر تم نہیں مانتے ہو تو حجرے میں آ کر جو کچھ تمہیں درکار ہے لے لو۔ شیخ کے صاحبزادے اندر آئے دیکھا کہ سارا حجرہ اشرفیوں اور زر و جواہر سے پُر ہے اور مٹی کی تھالیاں جو حجرہ میں تھیں وہ بھی سونے کی بن گئیں ہیں صاحبزادگان نے وہ سب دولت لے لی اور حسب ضرورت اسے خرچ میں لائے چنانچہ ایک ہزار چھیالیس (۱۰۴۶)اشرفیاں اب بھی آپ کی اولاد کے گھر میں اس دولت میں سے باقی بچی ہوئی موجود ہیں۔
روایت حضرت شیخ ابو الفتح علا قر شی جنہوں نے کتاب شاہد تالیف کی ہے جب اپنے پیر بزرگ حضرت خواجہ سید محمد گیسو دراز رحمۃ اللہ علیہ کے حکم سے گلبرگہ (دکن)سے گجرات کے علاقے میں تشریف لائے دیکھا کہ تمام لوگ خواہ دولتمند ہوں یا فقیر یا در در بھیک مانگنے والے بھکاری سب حضرت قطب العالم کے نام لیوا ہیں اور اسی مبارک نام کے طفیل برکت چاہتے ہیں تو انہوں نے حضرت قطب العالم کے خلفاء کو پیغام بھیجا کہ اگر آپ لوگ حق کے طلبگار ہیں تو اس طرف میرے پاس آؤ تاکہ ذات حق کی تجلیات کے شرف سے مشرف ہو سکو اور معرفت الٰہی سے بہرہ ور ہو سکو۔پہلے پہل یہ پیغام حضرت نتیجۃ الاقطاب سید عثمان شمع برہانی کے پاس پہنچا جو حضرت قطب العالم کے بہت بڑے خلفاء میں سے تھے۔آپ نے جواب میں لکھا کہ حضرت پیر دستگیر قطب العالم کے فیض سے فقراء کے جام درویشی میں معرفت الٰہی کے سمندروں کے سمندر موجود ہیں فی الحال تو اس میں ایک پھول کی بھی گنجائش باقی نہیں رہی ہے۔اس کے بعد آپ نے قاضی شیخ عضد الدین ازدرپوری کو لکھا کہ اگر چہ حضرت قطب العالم کی خدمت میں سلوک کے تمام مراحل طے نہیں کر پایا تاہم اس خانوادۂ عالیہ کی کتابوں کے مطالعہ سے امید رکھتا ہوں کہ مقصود حاصل کر لوں گا۔حضرت شیخ عبد الطیف نے بھی شیخ ابو الفتح علا قرشی کو جواب لکھا اور کہا کہ پیر دستگیر کی مدد سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ آپ ابھی تک تجلی صفات الٰہی کی منازل طے کر رہے ہیں اور حق تعالیٰ کے نناوے ناموں کی تحقیق میں مشغول ہیں اگر بہت عالی سے توجہ فرما کر ترقی چاہتے ہیں تو یہاں تشریف لایئے امید ہے کہ صفات الٰہیہ کے مقام سے آگے بڑھ کر ذات حق کی تجلیات سے بہرہ ور ہو سکیں گے۔حضرت شیخ علی خطیب نے جو حضرت قطب العالم کے بڑے خلفاء میں سے تھے اپنے پیر و مرشد کی اجازت پا کر جامع مسجد میں ذکر دو ہ حلقی کی تلقین شیخ ابوالفتح سے حاصل کی اور شیخ کی خدمت میں رہے اور شیخ ابوالفتح اسی زمانے میں دکن سے گجرات منتقل ہو گئے اور وہیں رہائش گاہ اختیار کر لی۔
حاشیہ کی عبارت …اس مقام کے بارے میں معتبر لوگوں سے سنا ہے کہ جب حضرت شاہ عالم کو اطلاع ملی کہ حضرت علی خطیب شیخ ابوالفتح سے ذکر کی تلقین حاصل کر رہے ہیں تو آپ نے اعتراض فرمایا اور شیخ علی خطیب سے کہا کہ ہمارے والدِ ماجد سے جو فیض تم نے حاصل کیا ہے واپس لوٹا دو شیخ علی بہت پریشان ہوئے کہ ناگاہ حضرت قطب العالم کی روح مبارک حاضر ہوئی اور فرمایا علی خطیب میرے حکم سے ان سے ذکر کی تلقین حاصل کر رہے ہیں اور جب وہ شیخ ابوالفتح سے فیض حاصل کر رہے ہوتے ہیں تو میں ان کی پشت پر موجود ہوتا ہوں اور ان کے سلوک کے مقامات کی نگرانی کرتا رہتا ہوں۔درہ ہاشم بن سرکرار بخاری۔

حضرت سید عثمان شمع برہانی کے مناقب کا تذکرہ

نتیجۃ الاقطاب حضرت سید عثمان جنہیں شمع برہانی کا خطاب ملا اور اسی خطاب سے مشہور ہیں گجرات کے بہت بڑے مشائخ میں سے ہیں آپ نے اپنی عمر کا اکثر و بیشتر حصہ حضرت قطب العالم کی خدمت میں رہ کر گذارا بچپن ہی میں آپ نے حضرت قطب العالم کے دست حق پرست پر توبہ اور کمال کے مرتبہ پر پہنچ کر لوگوں کی ہدایت اور انکی اصلاح میں مشغول ہو گئے آپ فقر و درویشی اور قناعت و توکل کے راستے پر گامزن تھے کہتے ہیں کہ سید صاحب موصوف نے اپنے پوتے سید عالم کی نسبت حضرت خواجہ رکن الدین کے صاحبزادہ خواجہ داؤد کی لڑکی سے طے کر رکھی تھی۔ حضرت خواجہ داؤد باطنی مدارج کمال کے ساتھ ساتھ دنیاوی وجاہت بھی رکھتے تھے۔ایک روز حضرت عثمان کے خادم نے عرض کی آپ کے فقر و درویشی اور توکل سب پر عیاں ہے لیکن یہ نسبت خواجہ داؤد کے ہاں قرار پائی ہے ہم اس کے اخراجات وغیرہ سے کیوں کر بر آ ہو سکیں گے حضرت سید صاحب موصوف نے فرمایا میرے پیر حضرت قطب العالم کا مسلک میرے لئے کافی ہے اور آپ سید ہیں بٹوا تشریف لے گئے اور قبر مبارک کے پا س پہنچ کر ساری صورت حال عرض کی جواب ملا بھائی ! غمگین کیوں ہوتے ہو دل تنگ مت کرو کارخانۂ الٰہی میں جس قدر تصرف میاں منجھلا (حضرت شاہ عالم )کو عطا ہوا ہے اس قدر تمہیں بھی عطا کیا گیا ہے۔ یہ خوش خبری سن کر سید بزرگوار سیدھے اپنے مکان پر پہنچے اور خادم مذکور سے فرمایا کہ آج سے جس قدر تجھے ضرورت ہو بلا دریغ کرچ کیا کر خادم روزانہ کا حساب پیش کیا کرتا تھا حضرت سید صاحب موصوف نے فرمایا کہ سابر متی ندی کے دریا کے کنارے جا کر وہاں سے روزانہ کا خرچ لے آیا کرو خادم ہر روز دریا کے کنارے جاتا دیکھتا کہ پانی کے بجائے اشرفیاں بہتی ہیں خرچ کے مطابق گن کر وہاں سے لے آتا برسوں تک سید صاحب کے خاندان میں یہ سلسلہ قائم رہا۔سید صاحب کو بندگان خدا کی ہدایت و اصلاح میں کمال حاصل تھا اور آپ خود بھی صاحب کمال تھے لیکن تواضع و انکسار کا مادہ اس قدر زیادہ تھا کہ حضرت قطب العالم سے اپنی قابلیت چھپا کر رکھتے تھے اور سلسلۂ ہدایت جاری نہیں فرماتے تھے ایک روز حضرت قطب العالم نے فرمایا کہ بہت سے بندگان خدا کی ہدایت تمہاری ذات سے وابستہ ہے جب تک یہاں ہو یہ کام ٹھیک طور پر انجام نہیں دے سکو گے اس لئے نقل مکانی کر لو اور ارشادو ہدایت کے کام مشغول ہو جاؤ کہ انبیاء کی سنت ہے چنانچہ حضرت سید عثمان نے احمد آباد کے قریب بہاء الدین پورہ میں اقامت اختیار فرمائی وہاں پر مریدوں۔شاگردوں اور دیگر لوگوں اور امراء و سلاطین کا اس قدر ہجوم آپ کے ارد گرد رہنے لگا کہ ایک روز ایک بڑھیا کی فریاد آپ کے کانوں میں پہنچی جو کہ رہی تھی کہ سید عثمان کے دروازے پر اس قدر بھیڑ رہتی ہے کہ راستے میں سے پانی لے جانا مشکل ہو گیا ہے آپ نے فوراً اپنا سارا سامان لوگوں میں تقسیم کر دیا اور اعلان فرما دیا کہ جو چیز جس کے ہاتھ لگے لے جائے اور وہاں سے فوراً چلے آئے اور دریا کے دوسرے کنارے کہ جہاں اب عثمان پورہ آباد ہے تشریف لے آئے اپنے گھر والوں کے لئے درویشانہ خیمہ نصب کر دیا اور خود دریا پر وضو کے لئے تشریف لے گئے دل میں یہ بات آئی کہ اگر کوئی برتن ہوتا تو پانی بھرکر گھر لے جاتا اسی دوران میں ایک ہندو بچے جس کا نام کدادھو تھا پر نظر پڑی جو تانبے کے برتن میں پانی بھر کر اپنے گھر جا رہا تھا آپ نے اسے فرمایا اگر کچھ دیر کے لئے یہ برتن مجھے دو تو میں پانی پہنچا دوں اس نے آپ کی بات مان لی سید صاحب پانی گھر لے گئے اور اس لڑکے سے فرمایا یہیں آباد ی ہو گی اور تم بھی یہیں آ کر بس جاؤ گے کہنے لگا یہ تو قدرت کا معاملہ ہے فرمایا اچھا جاؤ یہ برتن دریا سے بھر لاؤ جب وہ دریا پر پہنچا تو دیکھا کہ بانی کے بجائے اشرفیاں بہ رہی ہیں دونو برتن بھر کر لے آیا آپ نے فرمایا اپنے ماں باپ کے پاس جاؤ اور یہاں رہنے کا سامان کر کے آؤ اس دن سے ہر طبقہ کے لوگ وہاں جمع ہو گئے اور سید صاحب کے خیمے کے آس پاس انہوں نے ڈیرے ڈال لئے اور وہ مقام سید صاحب کے نام سے عثمان پورہ کر کے مشہور ہا اللہ تعالیٰ اس کو اپنے امان میں رکھے
روایت ۲؎ ایک روز سید صاحب موصوف نے اپنی عصا لوہار کے پاس بھیجی وہ آپ کی عصا کو درست کر رہا تھا کہ اتنے میں وہاں ایک جوگی آ نکلا اور کہنے لگا ہمارا کانسہ بنا دو۔لوہار نے کہا بیٹھو اس عصا کو تیار کرنے کے بعد تیرا کانسہ بنا دوں گا جوگی ضد کرنے لگا اور کہنے لگا عصا کو چھوڑ کر پہلے میرا کانسہ بنا دو لوہار نے کہا اگر روپیہ دو جب بھی اس عصا سے پہلے تمہارا کانسہ نہیں بناؤں گا اس نے روپیہ نکال کر دیا مگر آہن گر نے قبول نہ کیا اور کہا اگر اشرفی دو تب بھی یہ سودا منظور نہیں ہے جوگی نے فوراً اشرفی نکال کر دی جوگی نے وہ بھی واپس کر دی جوگی غصہ ہو گیا اور سخت سست کہنے لگا جھگڑا بڑھ گیا جب حضرت سید صاحب کو پتہ چلا تو آپ نے جوگی کو تسلی دی اسے اپنے سامنے بٹھایا اور نرمی سے اسے سمجھایا جو گی کہنے لگا یہ بستی تم نے آباد کی حضرت سید صاحب نے فرمایا خدا نے آباد کی ہے اور بظاہر قطب العالم کے صدقے میں آباد ہوئی ہے جوگی کہنے لگا تمہارے پیر نے تمہیں کیا دیا۔فرمایا میرے پیر نے مجھے اپنا نام عطا فرمایا ہے جوگی کہنے لگا نام عطا فرمانے سے کیا ہوتا ہے اگر میرے پاس رہو تو میں تمہیں ایسی چیز دوں کہ جس قدر خرچ کبھی کم نہ پڑے سید صاحب نے فرمایا میرے پیر کا نام ایسا ہے کہ اگر اندھے کے سامنے لوں تو آنکھ والا ہو جائے پھر آپ نے فرمایا تو کیمیا کیسے بناتا ہے اس نے کہا تانبے کو تپا کر اس پر اکسیر ڈالتا ہوں تو سونا بن جاتا ہے سید صاحب نے کہا اگر اکسیر نہ تو کیا کرتے ہو کہنے لگا چند ایک برتن اور چند ایک دوائیاں لے کر بہت کم وقت میں اکسیر بنا لیتا ہوں سید صاحب نے فرمایا میں اگر مٹی کو ہاتھ میں لے کر اس پر اپنے پیر کا نام مبارک لے لوں تو وہ سونا بن جائے گی کہنے لگا اگر ایسا ہوا تو میں آپ کا غلام بن جاؤں گا فوراً حضرت سید صاحب نے آہنگر کو حکم دیا کے اپنے تمام ہتھیار اکٹھے کرو جب اس نے تمام آلات کو یک جا کر لیا تو سید صاحب نے مٹی اٹھا کر اس پر حضرت قطب العالم کا نام پڑھ کر ان آلات پر ڈال دی اسی وقت تمام آلاتِ آہنگر سونے کے ہو گئے۔

حضرت شیخ علی خطیب کے حالات

آپ بھی حضرت قطب العالم کے بڑے خلفاء میں سے ہیں نہایت عابد و زاہد اور پرہیز گار تھے اور بارہ برس کی عمر ہی سے عباد ت و اطاعت الٰہی میں مشغول رہنے لگے تھے اور تمام ورد از کار مشاغل سے تائب ہو کر اور کاشت کیا ہو غلہ کھانے سے گریز فرماتے تھے گھاس اور خودرو غلہ پر اکتفا فرماتے تھے اور اسی سے افطار کرتے تھے بارہ برس تک اسی حالت پر رہے بعد میں صفاء باطن اس قدر آپ کو حاصل ہوئی کہ فرشتوں کی تسبیح و تحلیل کا ذکر اپنے ان کانوں سے سن لیتے تھے۔دریا کنارے نماز ادا فرما رہے تھے کہ ایک مجذوب وہاں پر آتا جاتا رہتا تھا آپ سے کہا کرتا تھا شیخ علی مسلمان ہو جاؤ۔شیخ اس کی بات کا مطلب نہیں سمجھ پاتے تھے اور زیادہ عبادت میں مشغول ہو جاتے ایک روز وہ مجذوب کسی بزرگ کی فاتحہ کا کھانا پکا کر تقسیم کر رہا تھا کہ شیخ اپنے معمول کے مطابق وہاں سے گذرے مجذوب نے دیکھا تو آپ کے پیچھے دوڑا اور شیخ علی کو زمین پر گرا کر آپ کے سینے پر سوار ہو کر اس کھانے کے چند لقمے آپ کے منہ میں زور سے ڈال دیئے اور آپ کے دل پر صفا میں عقیدت کا بیج بو دیا دو تین مکے آپ کی کمر پر رسید کیئے اور پھر چھوڑ کر فرمایا شیخ علی مسلمان ہو جاؤ شیخ بیہوش ہو گئے جب ہوش آیا تو اس بات کا مطلب آپ کی سمجھ میں آ گیا کہ مجھے کسی کا مرید ہو جانا چاہیئے آپ نے سوچا کس کا مرید ہو جاؤں اس وقت دو بزرگ ہیں ایک تو شیخ قطب العالم اور دوسرے مخدوم شیخ احمد مغربی۔لیکن چونکہ شیخ علی خطیب سماع کے قائل نہ تھے کہنے لگے کہ حضرت قطب العالم کی محفل میں کبھی کبھی سماع ہوتا ہے اور قطب زمانہ شیخ احمد سماع و سرور کے قائل نہیں ہیں اس لئے سرخیز سرکھیج جا کر شیخ احمد کہٹو کھٹو مغربی کا مرید ہو جاتا ہوں بیل گاڑی پر سوار ہو کر سرخیز روانہ ہوئے جب ایک دورا ہے پر پہنچے جہاں سے ایک راستہ سرخیز کو اور دوسرا اساول کو جاتا ہے جہاں حضرت قطب العالم کا قیام تھا اچانک وہاں بہت سی گائیاں کھڑی دیکھیں گاڑی بان نے بہت چاہا کہ راستہ دے دیں مگر گائے اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہ ہوئیں یہ صورت حال جب پیدا ہوئی تو اچانک ایک غیبی ہاتھ نمودار ہوا اور شیخ کی گردن کو اس نے پکڑ لیا اور گریبان کو بھی اپنی گرفت میں لے لیا شیخ کے کپڑے پر شوربے سے بھرا ہوا پانچ انگلیوں کا نشان پڑ گیا صحیح واقعہ ہے کہ حضرت قطب العالم اس وقت کھانا تناول فرما رہے تھے کہ راستے ہی میں آپ نے شیخ کو اپنی طرف کھینچ لیا آخر کار دل میں کہا ہمارے گریبان کو پیچھے سے کھینچ رہے ہیں گائیوں کو چھوڑ دو جہاں یہ جائیں گی وہیں ہمارا مقدر ہو گا قدرت الٰہی کا کرشمہ دیکھیئے کہ حضرت قطب العالم کی کشش کے فیض سے پایاں سے گائیوں نے سیدھے حضرت قطب العالم کی طرف کا رخ کیا حضرت قطب العالم نے وہ کھانا جو آپ تناول فرما رہے تھے اس میں سے کسی قدر رومال میں باندھ کر رکھ چھوڑا اسی دوران میں شاہ شہباز ؔ جن کا مزار برہان پور میں زیارت گاہ خاص و عام ہے اور شاہ دوساؔ اور شیخ سراج جو سراج العاشقین سے مخاطب ہیں اور شیخ فرید بھی حضرت قطب العالم سے بیعت ہونے کے آئے تھے حضرت قطب العالم نے فرمایا ٹھہرو تمہارا شیخ آ رہا ہے اسی اثنا میں شیخ علی بھی وہاں پہنچ گئے جب دور سے انہوں نے حضرت قطب العالم کو دیکھا تو دل میں خیال آیا کہ پہلے خلافت دیں گے پھر مرید فرمائیں گے جب آپ قریب پہنچے تو حضرت قطب العالم نے فرمایا آؤ جی پہلے خلافت اور پھر بیعت شیخ پر حضرت قطب العالم کی عظمت کا رعب غالب آ گیا فوراً اپنا سر مبارک حضرت قطب العالم کے پاؤں مبارک پر رکھ دیا حضرت قطب العالم نے فرمایا کام مکمل ہو چکا ہے اور طیار ہے تیار ہے۔چراغ،تیل، اور بھٹی بھی موجود ہے صرف جلانے کی دیر ہے پھر آپ کو خلافت عطا فرمائی اور بیعت کے لئے ہاتھ بڑھا کر آپ کو مرید کر لیا پھر آپ حضرت قطب العالم نے وہ کھانا جو رومال میں بچا کر رکھا تھا آپ کو دیا آپ نے تناول فرمایا کہتے ہیں کہ بارہ برس بعد گوشت اور کاشت کیا ہوا غلہ آپ کے منہ میں گیا چند لقمے کھانے کے بعد محبت و شوق و موت کا شیخ کے دل پر اس قدر غلبہ ہوا کہ رونے لگے اور اٹھ کر ناچنا شروع کر دیا بیان کیا جاتا ہے کہ آلات سماع کو جو ایک کونے میں پڑے تھے شیخ کے رقص کے دوران خودبخود بجنے لگے اور بعض کہتے ہیں کہ جب شیخ علی حضرت قطب العالم کے ہاں پہنچے اس وقت محفل سماع گرم تھی جب شیخ پر سماع کا اثر ہوا تو قوالوں کو حکم ہوا کہ کوئی خیر گاؤ کہ شیخ علی بھی اہل سماع میں سے ہو گئے ہیں دیر تک شیخ پر رقص کی کیفیت طاری رہی حضرت قطب العالم نے شیخ پر خصوصی نگاہ فرمائی جب نماز کا وقت ہوا تو اداء نماز میں مشغول ہوئے کہ معراج الموئمنین ہے پھر بیعت کے لئے آئے ہوئے لوگوں کے متعلق فرمایا کہ آپ ان کو مرید کریں شیخ نے حضرت قطب العالم کی موجود گی میں ان لوگوں کو بیعت کیا اور مخلوق کی ہدایت و ارشاد کے شرف سے مشرف ہو کر رخصت ہوئے شاہ شہبازؔ شیخ دوساؔ شیخ سراجؔ شیخ فریدؔ اور دیگر بہت سے خلفاء شیخ علی کر زیر تربیت رہ کر درجۂ کمال کو پہنچے۔
روایت ۳؎ جب حضرت علی خطیب العرش حضرت شیخ علی اپنے پیر و مرشد اور قطب زمانہ سے کر و شغل کی تلقین پا کر اور صرف اس تلقین کے فیض سے تجلیات و انوار کے مشاہدہ کی نعمت سے مالامال ہوئے تو یہ حالت ہوئی کہ جس چیز پر آپ کی نگاہ پڑتی تھی اس پر، علی حق، علی حق، کا نقش نظر آنے لگتا تھا آپ آنکھیں بند کر لیتے تھے اور حیران رہ جاتے تھے بعد ازاں آپ نے تنہائی اختیار فرما لی قرآن پاک کی تلاوت میں مشغول ہو گئے پھر وہی، علی حق، کا نقش ہر صفحے پر نظر آنے لگا آپ جس صفحہ کو الٹتے اس پر یہی نقش لکھا ہوا نظر آتا جو ورق الٹتے اسی ورق پر، علی حق، کا کلمۂ نقش ملتا اسی طرح آ پ نے سارے قرآن کی ورق گردانی فرمائی مگر وہ نقش ہر صفحے پر نمودار ہو جاتا جب ہر بار یہی معاملہ پیش آیا تو آخر کار عاجز آ گئے اور حضرت قطب العالم کی خدمت میں یہ واقعہ عرض کیا حضرت قطب العالم نے آپ کو چند لمحے اپنے سامنے بٹھایا اور فرمایا اپنے دل کی توجہ پوری طرح میرے دل کی طرف رکھو پھر آپ نے تصرف باطنی سے آپ کو ایسی چیز کا مشاہدہ کرایا کہ آپ فوراً اس مقام سے ترقی کر گئے اور دوبارہ مخلوق خدا کی اصلاح و تربیت میں مشغول ہو گئے۔الحمد للہ علیٰ ذالک۔
روایت ۴؎ جب حضرت شاہ عالم کے وصال کا وقت قریب آیا تو میاں مخدوم نے جو آپ کے خلیفہ تھے دریافت کیا کہ یا حضرت میں اب کہاں جاؤں اور اپنی مشکلات کا حل کہاں سے ڈھونڈوں فرمایا بھائی علی موجود ہیں جو مشکل پیش آئے ان سے رجوع کرو۔ میاں مخدوم نے حضرت شاہ عالم کے وصال کے بعد اپنے پیر کی وصیت کے مطابق حضرت شیخ علی خطیب کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور اپنی حقیقت خوش آئندہ کا تذکرہ آپ سے کیا شیخ موصوف نے فرمایا کہ یہ حقیقتاً طالب علم ہے اگر کچھ پڑھنا ہو تو میں پڑھا دوں گا۔میاں مخدوم سمجھ گئے کہ شیخ علی تواضع اور انکساری سے کام لے رہے ہیں اور اپنے حال کا اخفاء فرما رہے ہیں ایک سادہ تختی جیسی کہ بچوں کے پاس ہوتی ہے اور جسے کہ وہ مکتب میں استاد کے پاس پڑھنے جاتے ہیں آپ بھی ہاتھ میں لے کر حضرت شیخ علی کی خانقاہ میں آ کر بیٹھ گئے جب شیخ موصوف نماز کے لئے تشریف لائے تو آپ کی نظر میاں مخدوم پر پڑی نماز سے فارغ ہو کر میاں مخدوم کو بلایا اور تختی کے ایک طرف بسم اللہ الرحمٰن الرحیم لکھ کر دے دی اور چھ ماہ تک اپنی صحبت میں رکھا اور روزانہ بسم اللہ کی تفسیر بیان فرماتے تھے پھر اسم مبارک اللہ کی شرح کرنی شروع کی دو روز تک اس میں مشغول رہے تیسرے روز تصرف بانی سے اور نگاہ بہت سے نوازا اور میاں مخدوم کا کام بن گیا اور حسب منشا مراد بر آئی اور ان کو ارشاد و ہدایت کی اجازت مل گئی الحمد للہ علیٰ ذالک۔شیخ علی جن کا خطاب خطیب العرش ہے ظاہری عمر آپ کی ترسٹھ برس کی ہوئی اور آپ کی وفات ربیع الاول کی چودہ (۱۴)تاریخ کو جبکہ چار گھڑی دن گذر چکا تھا ہوئی۔ آپ حضرت ابو بکر صدیق کی اولاد میں سے تھے رضی اللہ عنہ۔

حضرت غوث ربانی جلال الدین حسین سلطان شیخ جیو کے حالات کا بیان

مخدوم جہاں نیاں ثانی حضرت غوث ربانی حضرت قطب العالم کے پوتے اور حضرت شاہ محمود دریانوش کے فرزند گرامی تھے جب آپ کی ولادت کی خبر آپ کے والد ماجد کو دی گئی اس وقت آپ حضرت قطب العالم کی خدمت میں حاضر تھے حضرت شاہ محمود ادب و حیا کی بنا پر نگاہیں نیچے کیئے ہوئے تھے کہ حضرت قطب العالم نے اُچی زبان میں فرمایا بھائی محمود خوش تھیو اساں سوں وڈا تساں سوں وڈا اساں کے گھر جلال جہانیاں آیا (بھائی محمود خوش ہو کہ ہم سے اور تم سے زیادہ بزرگ ہمارے گھر میں مخدوم جلال جہانیاں آگئے )پھر آپ نے اپنی چادر شاہ محمود کو عنایت کر کے فرمایا کہ ا س کا کرتہ بناؤ اور چھٹے روز اسی کپڑے کا کرتہ بنا کر ان کو پہنایا آپ کی پیدائش ۸۵۳؁ ھ میں ہوئی چونکہ بچپن ہی سے آپ کی پیشانی پر بزرگی کے آثار نمایاں تھے اس لئے آپ اپنے دادا والد اور چچا کے منظور نظر تھے آپ کے ایک بھائی کا نام شاہ پیارن تھا اور دنیاوی کاروبار کا سارا دارو مدار حضرت سلطان شاہ محمود نے اپنے بڑے بیٹے صاحبزادہ شاہ پیارن کے سپرد کر رکھا تھا کیوں کہ حضرت سلطان شاہ محمود اکثر اوقات عبادت و مجاہدہ میں مشغول رہتے تھے اور عبادت میں آپ کو اس قدر انہماک تھا کہ آپ سونے چاندی اور تانبے میں فرق نہیں کر پاتے تھے اس زمانہ میں گجرات کے لوگوں کی طرف سے تحفے تحائف بہت آیا کرتے تھے جس سے گھڑوں اور مٹکوں تک میں سونا چاندی بھر جاتا تھا اور جب کبھی کوئی مٹکا خالی ہو جاتا تھا اور شاہ پیارن تحقیق فرماتے تھے اور ایک ہنگامہ سا ہونے لگتا تھا تو اس کا شور حضرت سلطان شاہ محمود کے کانوں تک بھی پہنچتا آپ شاہ پیارن سے فرماتے بھئی تم پہلے یہ تحقیق کر لو کہ وہ مٹکا نیا تھا یا پانا اگر کوئی کہتا کہ وہ مٹکا نیا تھا تو آپ فرماتے پھر تلاش کی کیا ضرورت ہے جس طرح نیا برتن پانی پی جاتا ہے اسی طرح اس نے سونا بھی پی لیا ہو گا مختصر یہ کہ حضرت سلطان شاہ محمود دریانوش شاہ پیارن کے ہاتھوں میں اس قدر بے بس تھے کہ جس کے بارے میں وہ جتنا کہ دیتے اتنا ہی اس کا روزینہ مقرر فرما دیتے اسی طرح ایک بیگم جن کی کوئی اولاد نہیں تھی ان کا خرچہ بھی مقرر کر رکھا تھا مگر وہ اس پر راضی نہیں تھیں اور اکثر گلہ شکوہ کرتی رہتی تھیں جس سے شاہ پیارن کی بہت زیادہ بدنامی ہوئی اور بات شاہ عالم کے کانوں تک پہنچ گئی حضرت شاہ عالم خاندان میں رونما ہونے والی اس قباحت کو دور کرنے کے لئے حضرت شاہ محمود کے پاس آئے اور اتفاق رائے سے شاہ پیارن کے نام پیغام بھیجا کہ ان کی رقم میں بہر طور اضافہ ہونا چاہیئے شاہ پیارن کو اس بات سے رنج ہوا اور آپ نے یہ بات نہ مانی یہ جھگڑا طول کھینچ گیا اتفاقاً ان دنوں حضرت غوث ربانی جلال الدین حسین شاہ بچے تھے اور استاد کے پاس بیٹھے تھے استاد بھی بڑا عقلمند شخص تھا اس نے آپ کی والدہ ماجدہ کی تائید سے یہ طے کیا کہ وقت دولت ہے یعنی موقعہ غنیمت جاننا چاہیئے۔ مصرع۔ ایں وقت دولت است کنوں تاکہ ارسد۔ ان کی والدہ ماجدہ کے روزینہ میں سے ان بیگم صاحبہ کو کچھ لے لینا چاہیئے اور یہ بات حضرت والا کی خدمت میں عرض کرنی چاہیئے چنانچہ آپ اپنے استاد کے ساتھ بزرگوں کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ میری والدہ کے حصہ میں سے ان بیگم صاحبہ کے روزینہ اضافہ کر دیجئے حضرت شاہ عالم نے فرمایا تیری والدہ کیا کرے گی عرض کیا ہمیں حضرت والا کا کرم ہی کافی ہے از راہ کرم یہ درخواست قبول کر لیجئے۔ سب بزرگوں نے آپ کی بات کو بہت پسند کیا اور تحسین و آفرین سے نوازا حضرت شاہ عالم نے آپ کی بہت خاطر داری فرمائی پھر بیل گاڑی پر سوار ہو کر روانہ ہو گئے حضرت شاہ جلال بھی پیادہ پا گاڑی کے پیچھے چل پڑے جب کافی فاصلہ پر چلے گئے تو حضرت شاہ عالم کو کسی نے بتایا کہ صاحبزادہ صاحب پیچھے چلے آ رہے ہیں آپ نے بیل گاڑی رکوائی اور آپ کو بھی اپنے ساتھ بٹھا لیا دیر تک بغل میں لئے بیٹھے رہے اور اپنے ساتھ ہی رسول آباد لے گئے اور مختلف قسم کی امداد و اعانت اور لطف و عنایت سے آپ کو ہمیشہ زیادہ سے زیادہ نوازتے رہے اور فرمایا کرتے تھے کہ ہمیں غم تھا کہ ہمارے بڑے بھائی کے گھر میں علم و معرفت کی روشنی باقی نہیں رہے گی لیکن اس فرزند ارجمند کے عطا ہو جانے کے بعد ہمارے والد اور ہمارے بھائی کے ہاں لاکھوں چراغ روشن ہو جائیں گے چنانچہ اس روشنی کے انوار و تجلیات تا ہنوز باقی ہیں۔
روایت ؎ اس خاندان کے معتبر لوگوں سے سنا ہے کہ ایک روز حضرت سلطان شاہ عالم نے شفقت و عنایت کے ساتھ اپنے پاؤں دراز فرما لئے اور کمر زمین پر رکھ کر سیدھے لیٹ گئے اور شاہ جلال کو قریب بلا کر فرمایا شیخ جیو آؤ اور ہمارے سینے پر سو جاؤ اس ارشاد کے مطابق ’’ الرضاء فوق الادب ‘‘ (رضا ادب سے بڑھ کر ہے ) شاہ جلال نے تعمیل حکم فرمائی ور سینہ بہ سینہ ایک دوسرے کے ساتھ لگ گئے اسی حالت میں شاہ عالم نے فرمایا ‘‘ جو کچھ منجھلا نے حاصل کیا ہے وہ سب شیخ جیو(شاہ جلال )کو بخش دیا پھر فرمایا جو کچھ منجھلا کے سر۔ اس کے کان۔ اس کے چہرہ۔ اس کی روح۔ اور اس کے باطن۔نے اس راہ میں حاصل کیا ہے سب ہم نے اپنے شیخ شاہ شیخ جیو کو عطا فرما دیا۔جیسے حضرت سلطان محمود اور حضرت قطب العالم کے دریائے فیض سے آپ کو بچپن ہی سے فیضیابی حاصل ہوئی اور ان بزرگوں کی توجہات آپ کے حال پر مبذول رہیں حضرت شاہ عالم کے دریائے فیض سے بھی اسی طرح آپ جیسے بلند مرتبہ بزرگ مستفید ہوتے رہے چنانچہ بڑے بھائی کے ہوتے ہوئے بھی آپ ہی مقبول بارگاہ الٰہی ہو کر حضرت قطب العالم کی درگاہ معلیٰ کے سجادہ نشین بنے اور اپنے والد ماجد کے بعد اڑتالیس (۴۸)برس تک زیب سجادہ رہے (اس وقت اندازاً حضرت والا کی عمر تیس(۳۰)برس ہو گی جب آپ سجادہ نشین ہوئے آپ کی کل عمر ستہتر (۷۷)برس ہوئی ) اور نام، عمر،عمل، کے اعتبار سے حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے مقام پر پہنچ گئے اور انہیں کے نقش قدم پر ہمیشہ چلتے رہے اور جبکہ حضرت قطب العالم نے فرمایا تھا کہ ہمارے گھر میں مخدوم جہاں نیاں آ گئے ہیں تو اس بات کا اثر ہمیشہ حضرت کی ذات سے نمایاں ہوتا رہا گویا کہ واقعی حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کا دوبارہ دنیا میں ظہور آپ ہی کی بدولت ہوا ہے۔
روایت ؎ حضرت شاہ بدھ قد سرہٗ فرماتے ہیں کہ ایک روز حضرت شیخ شاہ جیو حضرت قطب العالم کے تبرکات تقسیم فرما رہے تھے بادشاہ کے درباریوں میں سے بھی دو شخص اتفاقاً اس موقع پر حاضر تھے انہوں نے دیکھا کہ حضرت والا تبرک تقسیم فرماتے ہوئے کسی کو بھی بھولے نہیں ہیں اور ہر شخص کو نہایت شفقت و محبت کے ساتھ اور نہایت خوش اخلاقی سے عطا فرما رہے ہیں ان کے دل میں خیال گذرا کہ اس قدر پابندی اور احتیاط کے ساتھ تبرک تقسیم کرنے کے دوران حضرت والا کا دل یاد حق میں کیوں کر مشغول رہ سکے گا اچانک حضرت والا نے ان کی طرف رخ کر کے یہ آیت کریمہ تلاوت فرمائی۔رجال لاتلھیہم تجارۃ و لابیعٌ عن ذکر اللہ۔(وہ ایسے لوگ ہیں کہ انہیں تجارت اور خریدو فروخت اللہ کی یاد غافل نہیں کر سکتی)یہ حال دیکھ کر وہ دونوں اصحاب اس قدر بے تاب ہو گئے کہ سر آپ کے قدموں پر رکھ دیا اور توبہ و استغفار کرنے لگے اور معذرت کی آپ نے فرمایا کہ بندگان خدا جس حال میں بھی ہوں خدا سے وابستہ رہتے ہیں کبھی بھی ان کا تعلق خدا سے نہیں ٹوٹتا نہ وہ خدا کے بغیر زندہ رہ سکتے ہیں۔
روایت ؎ قاضی محمود بیر پوری کے ملفوظات میں ہے کہ ایک روز حضرت قطب العارفین غوث العالم حضرت شاہ جلال ثانی مخدوم جہاں نیاں کی خدمت میں حاضر تھے حضرت والا نے قاضی صاحب سے فرمایا میاں شیخ محمود !ایک باغبان پچھلے بیس برس سے چلنے پھرنے سے معذور ہے کوئی چیز پڑھ کر دم کر دو تاکہ حق تعالیٰ کے حکم سے شفا پا جائے حضرت قاضی صاحب نے معذرت کی کہ حضور آپ کے ہوتے ہوئے میں یہ گستاخی کیوں کر کر سکتا ہوں حضرت نے فرمایا ہم اعتقاد راسخ کی بنا پر یہ کہتے ہیں قاضی صاحب حکم عدولی نہ کر سکے اور باغبان کو بلایا اور قاضی صاحب نے فرمایا کہ حضرت شیخ جیو کی برکت سے چلنے لگ جا وہ چلنے لگا پھر قاضی صاحب نے فرمایا حضرت شاہ شیخ جیو کے قرب کی برکت سے گھر چلا جا وہ بھاگتا ہوا گھر چلا گیا۔
روایت ؎ ایک روز قاضی محمود بیر پور میں بیٹھے تھے آپ کے دل میں خیال آیا کہ اب تو میں بھی سلطان شیخ جیو کے مرتبۂ ولایت تک پہنچ گیا ہوں اتنے میں ایک گودڑی پوش شخص غیب سے نمودار ہوا آپ نے دیکھا کہ وہ بالکل آپ کے سامنے آ کر کھڑا ہو گیا اور کہنے لگا کہ میاں شیخ محمود ! تصرف باطنی سے کوئی کرامت دکھاؤ آپ کے تصرف سے آگ پیدا ہوئی جو اس درویش کی جانب لپکی تا آنکہ وہ اس شخص کے اس قدر نزدیک پہنچ گئی کہ لوگوں نے یقین کر لیا کہ یہ آگ اس درویش کو گرفت میں لے لے گی درویش نے اپنی باطنی توجہ سے کام لیا آگ بالکل بجھ گئی اور اس کا نشان تک باقی نہ رہا پھر حضرت قاضی صاحب نے فرمایا اب تم کوئی کرامت دکھاؤ اس درویش کے تصرف سے ایک پرندہ ظاہر ہوا اور حضرت قاضی صاحب کی طرف منہ کھول کر بڑھا اور دوڑتا ہوا آپ کے قریب آیا جوں جوں آپ کے نزدیک پہنچتا اس کا منہ چوڑا ہوتا جاتا اور قد بڑھتا جاتا حتیٰ کہ اس قدر نزدیک پہنچ گیا کہ قاضی صاحب کو نگل لے ہر چند کہ قاضی صاحب نے ہاتھ سے بہت اشارے کئے اور اس کو ہٹانے کے لئے اپنی توجہات اور تصرفات سے کام لیا مگر کوئی فائدہ نہ ہوا بے چین ہو کر فرمایا کہ اے حضرت شاہ شیخ جیو ! مدد کیجئے اتنا کہنا تھا کہ کیا دیکھتے ہیں حضرت شاہ شیخ جیو سامنے کھڑے ہیں اور اس پرندے کا کہیں پتہ نہیں شاہ شیخ جیو نے فرمایا میاں محمود اعتقاد مضبوط رکھنا چاہیئے پھر آپ نے درویش کا ہاتھ پکڑا اور چند قدم چل کر نظروں سے غائب ہو گئے۔حضرت قاضی محمود نے حضرت سلطان شاہ شیخ جیو کے زیر تربیت رہ کر اور آپ ہی کی بیعت و ارشاد اور تلقینِ ذکر سے فیض پایا آپ حضرت کے بڑے خلفاء میں سے تھے۔
روایت ؎ حضرت سید طیب جو کہ حضرت شاہ شیخ جیو کے مرید خاص اور خلیفہ مخلص تھے اور جن کی قبر ایسن پور کی بستی کے قلعہ کے مشرقی دیوار کے نزدیک ہے اور احمد آباد کے راستے میں بڑی مسجد کے پاس قلعہ مذکورہ کے دروازہ سے متصل قطب آباد اور رسول آباد کے درمیان جانب جنوب میں واقع ہے۔ وہ سورت کی بندرگاہ سے حج کے لئے روانہ ہوئے جہاز میں بیٹھے تھے جہاز ایک بھیل کا تھا اچانک سمندر میں انگریزوں کی بہت سی کشتیاں نمودار ہوئیں اور اس جہاز کا رخ کیا اور قریب پہنچ کر جنگ میں مصروف ہو گئے چونکہ انگریز زیادہ تھے اس لئے غالب آگئے سید صاحب کی کشتی میں چڑھ آئے اور اس جہاز کے تمام مال و اسباب کو لوٹ اپنے جہاز پر گئے دوبارہ آ کر چند تاجروں کو پکڑ کر لے گئے سہ بارہ آئے اور سید صاحب اور آپ کی جماعت کو پکڑنا چاہا سید صاحب بہت پریشان اور غمگین ہوئے اور فرمانے لگے اب ہماری باری آئی ہے یہ لوگ پکڑ کر اب ہمیں اپنے ملک لے جائیں گے ہمارے پیٹ میں قلعی اتار دیں گے یا ہمیں عیسائی بنائیں گے ہم میں کہاں طاقت کہ قلعی کھائیں یا اسلام کو چھوڑ کر مرتد ہو جائیں جب انگریز آپ کے پاس پہنچے تو آپ اسی قسم کی باتوں میں مصروف تھے سید صاحب نے آخر میں یہ بھی کہا کہ اگر ہمارا ا نجام یہ ہونا تھا تو ہمیں حضرت شاہ شیخ جیو نے مرید کیوں کیا کشتی میں موجود لوگوں نے عرض کیا کہ اب توجہ اور عقیدت کا وقت ہے آپ اپنے پیر سے التجا کیجئے کہ و ہ ہمیں اس مصیبت سے بچائیں اور پیر دستگیر کی مدد سے اس مصیبت سے ہم کو چھٹکارا ملے فرمانے لگے اس وقت اطمینان کہاں نصیب ہے کہ پوری توجہ سے ان کی طرف متوجہ ہو۔ ابھی یہی گفتگو کر رہے تھے کہ حضرت سلطان شاہ شیخ جیو بیچ دریا کے ظاہر ہوئے اس طور پر کہ اپنے خرقہ کا دامن اپنے دست مبارک میں اونچا اٹھا رکھا ہے اور فرما رہے ہیں کہ سید طیب سورۂ فاتحہ پڑھیں جب آپ لفظ ولا الضالین پر پہنچے اچانک انگریزوں کے جہاز میں آگ لگ گئی حتٰی کہ تمام انگریز اپنے تمام سازو سامان کے ساتھ اس آگ میں جل رہے صرف وہی انگریز باقی بچ سکے جو سید صاحب والے جہاز پر سوار تھے وہ سب مسلمانوں کے ہاتھوں قید ہو گئے سید صاحب نے ان کو مسلمان کیا اور ایمان کے احکام انہیں سکھائے جب حرم شریف پہنچے تو وہاں کے خادموں کے سپرد ان نو مسلمانوں کر کر دیا اور واپس گجرات اپنے پیر کی خدمت میں اور گھر پہنچ گئے۔
روایت ؎ حاجی الحرمین حاجی عبد الوہاب کلاں بخاری اس زمانے کے بہت بڑے مخدوم اور اولیاء میں سے تھے دہلی سے احرام باندھ کر بیت اللہ کے حج کے ارادے سے چلے جب گجرات پہنچے اور حضرت شاہ شیخ جیو کی صحبت سے بھی مشرف ہوئے آپ سے ملاقات کرنے کے بعد باہر تشریف لائے اور حاضرین سے فرمایا میں نے ایک ایسے شخص کی زیارت کی ہے کہ اگر دہلی سے میں نے حرم بیت اللہ کے لئے احرام نہ باندھا ہوتا تو پہلے اس بزرگ کی صحبت سے مستفیض ہونے اور ان کی خدمت میں رہنے کا احرام باندھتا اور پھر یہاں سے کعبہ کا احرام باندھتا لیکن کیا کروں کہ دہلی سے احرام شریف باندھ چکا ہوں انشاء اللہ اگر زندگی باقی رہی تو اس سفر سے واپسی پر دہلی پہنچنے کے بعد وہاں سے دوبارہ آپ کی خدمت میں حاضری کے لئے از سر نو احرام باندھوں گا۔
روایت ؎ اس خاندان عالی کے معتبر لوگوں سے سنا ہے کہ حضرت سلطان شاہ شیخ جیو حضرت قطب العالم کی مسجد میں نماز تعریف ادا فرما رہے تھے آپ کا سر ننگا تھا اسی اثنا میں سلطان مظفر آپہنچا آپ جب نماز سے فارغ ہوئے تو بادشاہ نے آپ سے پوچھا کہ حضرت والا کیا کر رہے تھے فرمایا نماز تعریف ادا کر رہا تھا باد شاہ نے کہا کہ کنز الافائق میں لکھا ہے کہ ’’ صلٰو ۃ اتعریف نمی بیشی(نماز تعریف کی کوئی بنیاد نہیں ہے )آپ نے فرمایا کنز الافائق میں یہ لفظ کہاں ہے بیان کرتے ہیں کہ تین سو ساٹھ کنز کے نسخے دیکھ ڈالے گئے کسی میں بھی یہ لفظ نہ ملا بادشاہ شرمندہ ہوا اور معذرت خواہی کرنے لگا۔
روایت ؎ آئینہ سکندری جو بادشاہان گجرات کی تاریخ ہے یہ واقعہ مذکور ہے کہ سلطان مظفر کی تخت نشینی کے بعد حضرت شاہ شیخ جیو کے ایک مرید نے آپ سے عرض کیا کہ تمام بزرگ اور معزز لوگ اس کو مبارک باد دینے کے لئے جا رہے رہیں اگر آپ بھی تشریف لے چلیں تو مناسب رہے گا آپ نے جواب میں فرمایا بعد میں ہمارے تعلقات اس کے والد سے کچھ اچھے نہیں رہے تھے ابھی تو وہ خود جوان آدمی ہیں درویشوں کی صحبت میں کیا بیٹھیں گے مریدوں نے عرض کیا کہ ان کو اور ان کے بزرگوں کو یہ سلطنت حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ نے تفویض میں فرمائی تھی اگر چہ ان کے والد نے اس نسبت کو ملحوظ نہیں رکھا اور اس نعمت کی قدر نہیں کی لیکن دنیا جانتی ہے کہ تمام خیر خواہوں کے اتفاق رائے کی بنا پر آپ نے ان کی بات مان لی اور چانپانیر تشریف لے گئے امراء اور وزرا اکثر آپ کے مرید تھے انہوں نے آپ کا استقبال کیا اور بادشاہ کے محل تک لے گئے اور خاص سراپر دہ کے قریب آپ کو بٹھایا دربانوں اور حاجبوں نے دوڑ کر آپ کا خیر مقدم کیا سلطان مظفر کو علم نہیں تھا کہ آپ سرا پردۂ خاص کے پاس تشریف فرما ہیں کہنے لگا کہ میرے ماں باپ کے حق میں تو بد دعا کی تھی میرے حق میں کیا کریں گے۔یہ الفاظ براہ راست آپ کے کانوں تک پہنچ گئے ناراض ہو کر اٹھ آئے اور اپنے مکان پر تشریف لے آئے۔کچھ عرصہ کے بعد سلطان بٹوا کے راستے احمد آباد آ گیا اور حضرت قطب العالم کے روضۂ مبارک کے پاس سے گذرا اپنی نخوت اور ناراضگی کے سبب گھوڑے سے نہیں اترا اور آداب ضروری بجا نہ لایا اور روضہ کی زیارت سے مشرف نہ ہوا اور گھوڑے پر بیٹھے بیٹھے ہی فاتحہ پڑھ کر چل دیا حضرت شاہ شیخ جیو نے بھی کوئی توجہ نہ فرمائی کچھ ہی عرصہ گذرا تھا کہ بادشاہ بیمار ہو گیا حضرت قطب العالم کا عرس بھی انہی دنوں میں تھا سلطان نے چاہا کہ سرخیز جا کر حضرت شیخ احمد مغربی رحمۃ اللہ علیہ کی برکت سے توسل کرے اور نذرو نیاز دے اسی رات خواب میں دیکھا کہ حضرت قطب العالم فرماتے ہیں کہ مظفر! ہمارے گھر کیوں نہیں آتے سلطان مظفر نے پوچھا کہ حضور آپ کا ٹھکانہ کہاں ہے فرمایا بٹوا میں ہمارے ہمارے شیخ شاہ جیو کے مکان میں جو ان ے ہاں گیا وہ ہمارے گھر آیا اور جس نے ان کو راضی کیا اس نے ہمیں راضی کیا وہاں تمہیں بیماری سے شفا ملے گی اور صحت نصیب ہو گی اسی صبح کو سلطان مظفر بٹوا روانہ ہو گیا اسی رات کو خواب میں حضرت شیخ جیو کو بھی خواب میں حضرت قطب العالم کی زیارت ہوئی فرمایا کہ کل سلطان مظفر آپ کے پاس آ رہے ہیں عنایت و مہربانی کا ہاتھ اس کے سر پر رکھو تاکہ اس کو صحت ہو جائے صبح کو آپ نے ساتھیوں سے فرمایا کہ حضرت قطب العالم نے ہمارے اور بادشاہ کے درمیان صلح کرا دی ہے سلطان آج آ رہا ہے کھانا تیار کرو اور آپ نے اپنے خادموں کے گھروں میں کہلوا دیا کہ جو کوئی عمدہ کھانا تیار کر سکتا ہے کرے اسی دوران میں سلطان کے آنے کی خبر پہنچی بادشاہ مزار مبارک کی زیارت سے مشرف ہوا اور حضرت شاہ شیخ جیو کی خدمت میں حاضری کی سعادت سے بہرہ ور ہوا حضرت شیخ جیو اور بادشاہ دونو ں ایک دوسرے کو دیکھ کر مسکرائے حضرت والا نے آہستہ سے فرمایا جس طرح آپ کو درویش سے ملنے کا حکم ہوا ہے درویش کو بھی آپ سے ملنے کی ہدایت ملی تھی بادشاہ نے قدموں پر سر رکھ دیا اور ایک شاہزادے کو بھی پابوسی کی سعادت سے مشرف کیا پھر بادشاہ حضرت شیخ جیو کے مکان پر گیا اور آپ کی صحبت سے مستفیض ہوا حضرت شیخ جیو علم ظاہری و باطنی میں کمال رکھتے تھے معارف و حقائق کا ذکر چھڑ گیا بادشاہ بھی اس میں صاحب کمال تھا ان حقائق اور اسرارو معرفت کو سن کر اور اس کیفیت کا مزہ چکھ کر اس پر ایک کیفیت سے طاری ہو گئی تمام حاضرین کو بھی روحانی سرور و کیف حاصل ہو ا چنانچہ طالبان حق کے پردہائے ظلمت ایک دم دور ہو گئے درو دیوار پر بھی کیف و مستی چھا گئی اس کے بعد حضرت نے اور بادشاہ نے مل کر کھانا کھایا اور کچھ دیر دوپہر کو آرام فرما کر ظہر کی نماز ادا کی بعد میں بادشاہ نے اپنی تندرستی اور بیماری سے شفا کی درخواست کی آپ نے دعا فرمائی اور بادشاہ کو رخصت کیا اس روز سے بادشاہ صوفیاء کا معتقد ہو گیا ورنہ پہلے وہ معتقد نہیں تھا۔
روایت ؎ اس خاندان کے معتبر لوگوں سے سنا ہے کہ سلطان مظفر کو وضو کے درمیان وسوسہ پیدا ہوا یہاں تک کہ جتنا زیادہ پانی بہاتا تھا اور بڑے بڑے برتنوں کا پانی وضو میں استعمال کرتا تھا وہم دور نہیں ہوا مزید پانی طلب کرتا تھا مگر پھر بھی اطمینان حاصل نہیں ہوتا تھا بہت سے مشائخ اور اس زمانے کے علماء کی طرف اس نے رجوع کیا اور ان کی مدد طلب کی مگر یہ وہم دل سے دور نہ ہوا جب حضرت شاہ شیخ جیو کے تعلقات استوار ہو گئے اور خود اپنے خادموں نوکر چا کروں کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہوا حضرت والا نے ضیافت فرمائی اور تمام گھر والوں اور صاحبزادوں کو حکم دیا کہ نہایت نفیس اور عمدہ شاہی کھانا تیار کرو جب کھانا تیار ہو گیا اور دسترخوان بچھا اور بادشاہ کے خیال میں بھی جو چیزیں نہیں تھیں وہ پک کر سامنے آئیں تو اس نے اندازہ کیا اور ان چیزوں کو دیکھا کہ طرح طرح کے کھانے اور انواع و اقسام کی چیزیں تھوڑے سے وقت میں تیار ہو گئیں تو اس نے اسے بھی آپ کی کرامت سمجھا جس سے اس کی عقیدت اور بڑھ گئی اور وہم کی بیماری کے دور ہونے لے لئے دعا کی درخواست کی۔جب بادشاہ کے وضو کرنے کا وقت آیا تو اس نے حضرت کے سامنے وضو شروع کیا حضرت نے فرمایا بسم اللہ پڑھ کر شروع کرو اور کلائی تک دونوں ہاتھ دھوؤ جب اس نے ہاتھ دھو لئے تو فرمایا کلی کرو اس نے تین بار کلی کی فرمایا ناک میں پانی ڈالو ناک میں پانی ڈالا فرمایا منہ دھوؤ جب منہ بھی دھو لیا تو فرمایا داڑھی دھولو داڑھی دھوئی فرمایا داڑھی میں خلال کرو بادشاہ نے ایسا ہی کیا آپ نے فرمایا دایاں ہاتھ کہنی تک دھولو جب بادشاہ نے دھو لیا فرمایا اب بایاں ہاتھ کہنی تک دھوؤ وہ بھی دھو لیا فرمایا ا ب سرکا مسح کرو جب مسح ہو گیا فرمایا دایاں پاؤں دھوؤ بادشاہ نے پاؤں دھوئے جب وضو مکمل ہو گیا تو بادشاہ کا وہم دور ہو گیا اور اسے اطمینان حاصل ہو گیا اور زیادہ پانی استعمال کرنے کی عادت چھوٹ گئی اور اس روز سے وسوسہ بالکل جاتا رہا اور صفائی باطن اور نور معنوی کا دل میں اثر محسوس کرنے لگا اور یہ چیز اس کی عقیدت میں مزید اضافہ کا باعث ہوئی۔
روایت ؎ جب سلطان مظفر کو وضو میں وسوسہ کی بیماری سے نجات مل گئی اور آپ پر اس کا اعتقاد پوری طرح جم گیا تو سلطان کی منظور نظر بیگم اور سکندر کی ماں رانی سلطانہ بی بی کہ اس کو یوسف ثانی کہا جاتا تھا سلطان سے کہنے لگی اور اسے اس امر پر آمادہ کیا کہ حضرت سلطان شاہ شیخ جیو کی خدمت میں میرے بیٹے سکندر کی سفارش کرو کہ آپ اس پر مہر بان ہو جائیں اور اس کے لئے دعا فرمائیں چونکہ سلطان مظفر کو اسی بیگم سے محبت کا خصوصی تعلق تھا ایک روز سکندر کو ساتھ لے کر حضرت کی خدمت میں آیا اور عرض کیا کہ سکندر کے حق میں دعا فرمائیں اور خصوصی توجہ اور عنایت سے اسے نوازیں جب سکندر نے آپ کے قدموں پر سر رکھ تو آپ کی زبان مبارک سے نکلا آؤ سلطان بہادر!جب بادشاہ محل میں پہنچا اور سارا واقعہ رانی سے بیان کیا کہ حضرت والا کی زبان اعجاز سے یہ لفظ صادر ہوئے تھے کہ آؤ بادشاہ بہادر بی بی رانی یہ سن کر گرم ہو گئیں اور کہنے لگیں کہ سفارش کا یہ کونسا ڈھنگ ہے جو تم نے اختیار کیا تم نے ٹھیک طور پر حضرت والا کی مجلس سے فائدہ نہیں اٹھایا کیونکہ حضرت والا کے اتنا فرما دینے سے کیا ہوا اگر بہادر بادشاہ کا ایک لڑکا بادشاہ بن گیا تو اس میں تمہارا تو کوئی قصور نہیں ہو گا البتہ اگر ہماری دلداری کا خیال ہے اور سکندر کو بادشاہ بنانا چاہتے ہو تو ایک مرتبہ ہمیں بھی اپنے ساتھ لے کر حضرت کی خدمت میں چلو تاکہ میں حسب منشا درخواست کر سکوں اور اس طور سے پورا ماجرا عرض کر دوں کہ حضرت والا سکندر کے دستگیر بن جائیں چونکہ بادشاہ اسی رانی پر فریفتہ تھا اور اس کے حکم کی تعمیل کرتا تھا دوبارہ حضرت والا کے پاس اپنی اہلیہ سمیت حاضر ہوا اور بہت زور دار طریقے پر سکندر کی سفارش کی سکندر کا سر آپ کے قدموں پر رکھ دیا اور عرض حال کیا اتفاقاً دوبارہ آپ کی زبانِ تقدیرِ بیان سے یہی نکلا کہ سلطان بہادر آؤ۔
روایت ؎ چونکہ سکندر بی بی رانی کا سب سے بڑا اور قابل اور لائق فرزند تھا اور بی بی رانی بادشاہ کی منظور نظر تھی اس لئے سلطان مظفر نے سکندر کو اپنا ولی عہد بنا دیا اور بہادر ایک راجپوت عورت کے پیٹ سے تھا اس کو کینج کوہیہ ہکروہی شہر احمد اور بانٹہ راجپوت بٹوا جو خالص شاہی جاگیر تھی دوسرے گیارہ موضعات کے ساتھ اس کو جاگیر کے طور پردے دیئے تھے اس بنا پر بہادر اکثر بٹوا میں حضرت والا کی خدمت میں رہا کرتا اور حضرت شاہ شیخ جیو کی خصوصی عنایت و شفقت اس کے حال پر تھی یہاں تک کہ مریدوں کی فہرست میں حضور سلطان مظفر اور سکندر اور سلطان بہادر کی عبارت آپ نے تحریر فرمائی تھی بعض لوگ کہتے ہیں کہ آپ نے سلطان بہادر کو گجرات کا بادشاہ نامزد فرما دیا تھا اور اپنے قلم سے خاص طور پر لکھ دیا تھا اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہ ایک روز حضرت والا نے اسے اپنے ساتھ پلنگ پر بٹھایا ہوا تھا اور حاضرین محفل سے آپ نے فرمایا کہ یہی بادشاہ بنے گا اور اُنھیں حکم د یا کہ اس کی شاہانہ تعظیم کریں اور اس کو سلام کریں چنانچہ سب نے ایسا ہی کیا۔جب اس واقعہ کی شہرت ہوئی اور یہ خبر رانی بی بی تک پہنچی تو اس نے سخت بیچینی اور اضطراب کا مظاہرہ کیا اور بادشاہ سے اس کا ذکر کیا اور کہا کہ سکندر کو بھی حضرت والا کی خدمت میں لے جاؤ اور عرض کرو کہ میں نے اس کو ولی عہد بنا دیا ہے آپ بھی اس کے حال پر عنایت فرمائیں اور اس کے حق میں دعا فرمائیں بادشاہ نے اپنی بیگم سے کہا کہ بہادر اپنی جاگیر کی وجہ سے چونکہ حضرت کے قریب اور ان کی خدمت میں رہتا ہے اس لئے اس کے حال پر شفقت فرماتے ہیں جب میں نے اپنی زندگی ہی میں سکندر خاں کو اپنا ولی عہد نامزد کر دیا ہے اور سارا لشکر بھی اسی کے ساتھ ہو گا تو بہادر کی کیا مجال کہ وہ کچھ کر سکے تاہم میں صبح کو حضرت کی خدمت میں سکندر خاں کو لے جاؤں گا اور اس کے حق میں دعا کی درخواست کروں گا تم تسلی رکھو رانی بی بی نے بہت سی نذر و نیاز بادشاہ کو دی کہ میری طرف سے حضرت والا کی خدمت میں پیش کر دیں صبح کو بادشاہ اہل و عیال سمیت حضرت کی خدمت میں حاضر ہوا اور سکندر خاں کے سبب سے اپنے تمام لڑکوں کو حضرت کا مرید کروایا کیونکہ سکندر خاں کی پہلی بیعت حضرت شاہ سلطان شاہ عالم سے تھی۔اسی اثنا میں بہادر خاں بھی آ گیا اور آگے بڑھ کر لام عرض کیا اور آداب بجا لا کر سلطان مظفر اور سکندر بیٹھ گیا سلان حضرت والا سے باتوں میں اس قدر محو تھا کہ بہادر کے آنے اور سکندر سے آگے بڑھ کر بیٹھنے کی اس کو مطلق خبر نہ ہوئی جب سکندر خاں کی سفارش کا وقت آیا تو اس نے یہ سمجھ کر کہ سکندر کا ہاتھ ہے بہادر کا ہاتھ پکڑ لیا اور کہنے لگا کہ حضرت اس کے حق میں دعا فرما دیں کہ یہ گجرات کا بادشاہ بن جائے حضرت والا نے فرمایا تسلی رکھو اور مطمئن رہو کہ یہی گجرات کا بادشاہ بنے گا سلطان مظفر نے خوش ہو کر سکندر خاں کو دیکھا تو معلوم ہوا کہ یہ تو بہادر کا ہاتھ ہے سلطان کی حالت متغیر ہو گئی جب حضرت والا نے بادشاہ کے چہرے کے اثرات دیکھے تو فرمایا کہ بھی بادشاہ بنے گا مطمئن رہو حاضرین سمجھ گئے کہ سلطنت کی بازی بہادر نے جیت لی ہے اور سکندر اس نعمت سے محروم رہ گیا۔النصیب بصیب۔ بعد ازاں بادشاہ نے رخصت طلب کی راستے میں اپنے مقربین بارگاہ سے کہنے لگا اس آوارہ کو دیکھو کس قدر بے شرم واقعہ ہوا ہے کہ اپنے بڑے بھائی سے آگے بڑھ کر بیٹھا اور سکندر خاں سے بھی یہی بات کہی کہ تو نے اسے آگے کیوں بڑھنے دیا جب دوسرے روز وزرا ء و امرا ء سب کو طلب کیا اور کہا تم سب لوگ اچھی طرح واقف ہو اور جانتے ہو کہ میرا ولی عہد سکندر خاں ہے اس کی اطاعت تم پر واجب ہے چنانچہ تمام لشکر نے سکندر کی وفاداری کا حلف اٹھایا سکندر خاں نے بہادر خاں کو شکست دینے کے لئے پوری تیاری کر لی اور بہادر خاں اپنے بزرگوار پیر کی حمایت کے زیر سایہ آ گیا اور اپنے والد اور لشکر وغیرہ سے مایوس ہو گیا حضرت والا اس کے حال پر خصوصی توجہ فرماتے تھے اور دن رات اس کو اپنے سامنے رکھتے تھے لیکن کبھی کبھی اس سے کوئی ایسی حرکت سرزد ہو جاتی جو حضرت کے نزدیک قابل اعتراض ہوتی اور آپ زبان مبارک سے فرماتے تیرا مقدر فرنگیوں کے حوالے۔چند روز کے بعد بہادر خاں نے جان کے خوف سے اپنے بھائی کی دشمنی سے بچ کر بھاگ نکلنے کا پروگرام بنایا اور حضرت پیر دستگیر کی اجازت حاصل کر کے اپنے چند خاص آدمیوں کے ساتھ ہندوستان چلاگیا اور نذر مانی کے گجرات کا بادشاہ بننے کے بعد اپنی شاہزادگی کے زمانہ کی جاگیر حضرت قطب العالم کے روضہ مبارک کے اخراجات کے لئے نذر کر دوں گا پھر چانپا نیر کے راستے دہلی کی طرف روانہ ہو گیا یہ واقعہ ۹۳۱ھ؁ کا ہے اسی سال حضرت شاہ شیخ جیو نے دنیا سے رحلت فرمائی {اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ} وفات کے وقت آپ کی عمر پچہتر (۷۵)سال چھ ماہ کی تھی جیسا کہ لفظ سیدا سے اہل زبان آپ کی عمر کا استخراج کرتے ہیں بعض کا کہنا ہے کہ عمر مبارک اٹھتر (۷۸)برس تھی فخر نا سے تاریخ وفات نکلتی ہے۔ قصہ مختصر بہادر شاہ بانسلہ کے راستے جودھ پور کے رانا کے ہاں پہنچ گیا رانا نے اسے بڑی عزت و تکریم سے مہمان رکھا اور رانا کی ماں نے اس کو اپنا بیٹا بنا لیا ایک روز رانا کے بھتیجے نے دعوت کی اور بہادر خاں کو اپنے ساتھ گھر لے گیا محفل عیش و نشاط برپا ہوئی اور ایک خوبصورت مغنیہ نے بہت عمدہ گانا گایا جب محفل برخاست ہوئی تو بہادر خاں نے اس مغنیہ کو نگاہ کرم سے دیکھا رانا کے بھتیجے نے یہ بات محسوس کر لی اور غیرت کی وجہ سے کہنے لگ آپ جانتے ہیں اور پہچانتے ہیں کہ یہ گانے والی کون تھی اور یہاں کیسے آئی بہادر خاں نے کہا تم ہی بتا دو وہ کافر کہنے لگا ہمارے راجہ نے احمد نگر کو تاخت و تاراج کیا تھا اور یہ مغنیہ وہاں کے سادات کی لڑکی ہے۔سلطان بہادر کو یہ لفظ سننے کی تاب کہاں تھی تلوار نکال کر اس کی کمر اس زور سے ماری کہ دو ٹکڑے ہو گیا اور جہنم رسید ہوا ایک ہنگامہ برپا ہو گیا اور شور بلند ہوا بہادر خاں خون آلود برہنہ تلوار لئے کھڑا ہو گیا اور بد خصلت و بد نہاد کافر اور راجپوت اگے بڑھ کر بہادر کو قتل کرنے کے درپے ہوئے اسی دوران میں رانا اور اس کی ماں پہنچ گئیں اور ہر ایک کو روک دیا اور کہا ہم اپنی جان پر کھیل جائیں گے یہاں سے دور ہٹ جاؤ بادشاہ گجرات کے فرزند سے تم نے کیا بدتمیزی کی کہ معاملہ اس حد تک بگڑ گیا آخر بہادر خاں ناراض ہو کر وہاں سے چلا آیا انہوں نے بہت منت سماجت اور عذر خواہی کی مگر اس نے قبول نہیں کیا ہو از کے راستے سے ہوتا ہوا دہلی پہنچا سلطان ابراہیم بن سکندر بن بہلول مودہی کے پاس جا پہنچا ان دنوں سلطان ابراہیم کا کسی اور بادشاہ سے مقابلہ تھا دونوں لشکر آمنے سامنے جنگ میں مصروف تھے اسی دوران بہادر خاں کو سلطان شاہ شیخ جیو اور سلطان مظفر کی وفات کی خبر پہنچی اور سکندر کے گجرات کے تخت پر قابض ہونے کی اطلاع ملی اور ساتھ ہی گجرات کے بعض امراء کے خطوط بھی اسے ملے جس میں یہ تحریر تھا کہ مبارک ہو جلد تشریف لایئے کہ مخلوق خدا آپ کے انتظار میں ہے بہادر خاں فوراً یلغار کرتا ہوا گجرات پہنچ گیا اسی زمانۂ حکومت میں ایک روز سکندر خاں نے کہا عزیزان من دیکھ رہے ہو کہ بہادر خاں جوگی بن گیا ہے اور اس کا پیر مٹی میں چلا گیا جب اس بات کی خبر حضرت شاہ بدھ کو ہوئی فرمایا پیر نہیں مرا کرتا۔ {اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ}(اللہ کے ولی کبھی نہیں مرتے )اور ان کا مرید بہادر خاں جوگی نہیں ہوا مردوں کی کہی بات جاندار ہوتی ہے وہ کبھی رد نہیں ہوتی تمہیں یقین رکھنا چاہیئے وہ تمہاری سلطنت کے دن بلبلہ یا سراب کی مانند ہیں حضرت شاہ بدھ سکندر کی تخت نشینی کے موقع پر اس کو مبارک باد دینے کے لئے بھی تشریف نہیں لے گئے تھے اس نفرت لی وجہ سے جو سکندر کو تھی۔اور گو کہ تمام اکابر بڑے چھوٹے اونچے نیچے لوگ گئے تھے مگر شاہ بدھ نے جانا مناسب نہ سمجھا ان دو وجوہ کہ بنا پر سلطان کو اور زیادہ بیزاری پیدا ہوئی اور بٹوا کہ وظیفہ میں تبدیلی کر کے سلطان شاہ عالم کے ایک فرزند سادات خاں کے نام کر دیا لیکن سادات خاں نے اسے قبول نہ کیا اور اسے اپنے مصرف میں نہیں لائے لیکن اس غلط حرکت اور بد زبانی کا نتیجہ فوراً ہی ظاہر ہو گیا چنانچہ بادشاہ بننے کے بعد دو ماہ اور سولہ دن زندہ رہ سکا ملک کے نظام میں پھر خوشگوار تبدیلی آ گئی بزرگوں نے کہا ہے کہ خدایا جسے تو ذلیل کرنا چاہتا ہے اسے درویشوں سے ٹکرا دیتا ہے۔تاریخ بہادر شاہی میں لکھا ہے کہ رمضان ۹۳۲؁ھ کی بائیس تاریخ کو سلطان بہادر خاں پٹن میں داخل ہوا احمد آباد کے بعض بڑے بڑے امراء اور بڑے بڑے لوگ اس کی پیشوائی کے لئے گئے اور وہاں اس کے سر پر چتر شاہی نصب کر کے احمد آباد لائے کالوپور کے دروازے پر آ کر رکا پھر مانک چوک میں فاتحہ خوانی کر کے ا ور زیارت وغیرہ سے فارغ ہو کر بڑی برکت کے ساتھ ہی محل میں داخل ہوا{رب انزلنی منزلاً مبارکا ًوانت خیر المنزلین}اے خدا ہمیں بابرکت مقام پر ٹھہرا اور تو بہترین مہماں نواز ہے۔یہ زمانہ حضرت شاہ بدھ کا تھا۔

حضرت سید محمود شاہ بدھ کا تذکرہ۔

آپ سید جلال شاہ شیخ جیو کے بڑے صاحبزادے آپ کے مرید اور خلیفۂ اعظم ہیں اور موروثی طریقے پر اپنے باپ دادا کے سجادہ نشین ہوئے ناقص آپ کے زیر تربیت رہ کر کامل بن گئے اور مرید اور مبدی آپ کے فیض سے پیر اور حد انتہا تک پہنچ گئے آپ کی پیدائش بٹوا میں ۸۸۳؁ھ میں ہوئی۔ آپ کی تربیت اور پرورش آپ کے والد بزرگوار کے زیر سایہ ہوئی حتیٰ کہ بچپن میں آپ علم و عمل اور اپنے والد کے فیض روحانی سے بہرہ ور ہو گئے اور جوانی سے حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے اور ادو عمل میں مشغول ہوئے اور پوری ثابت قدمی سے ان کو سر انجام دینے لگے اور عبادات اربعہ (چاروں عبادتیں )کے عمل کو کہ جو تربیت کا معمول ہے پوری طرح آپ نے قائم رکھا اور اس خاندان کے مسلک پر گامزن رہے۔یعنی سب سے پہلی چیز تو نوافل ہیں کہ جہاں تک نفس ساتھ دے اس کو ادا کرتے رہتے اور جب بہت زیادہ تھک جاتے تو کلام پاک کی تلاوت میں مشغول ہو جاتے۔جب تک نفس ساتھ دیتا تلاوت میں مشغول رہتے اور تلاوت سے ہٹ کر ذکر کی طرف متوجہ نہ ہوتے جب تلاوت میں بھی نفس سستی اور کاہلی اختیار کرتا تو ذکر جلی اور ذکر خفی میں مشغول ہو جاتے جب ذکر سے پوری طرح بہرہ ور ہو جاتے تو مراقبہ میں چلے جاتے اور اپنا عزیز وقت مراقبہ کی حالت میں گذارتے اور جب تک نتیجہ بر آمد نہ ہوتا یعنی آپ مشاہدۂ حق کی نعمت سے بہرہ ور نہ ہوتے مراقبہ میں مشغول رہتے خلوت و جلوت ہر حالت میں مشاہدۂ حق کی کیفیت میں رہتے اور بشری لوازمات بھی تقسیم اوقات کے ماتحت انجام دیتے تھوڑے ہی عرصہ میں سکون کی بجائے مستقل مزاجی پیدا ہو گئی اوقات کی تقسیم اس طرح فرمائی تھی کہ لا یعنی اور دور از کار باتوں کی اس میں کوئی گنجائش باقی نہ تھی اور صوفیاء کے اصل الاصول کہ چار چیزیں ہیں کم کھانا۔کم بولنا۔ لوگوں سے کم میل جول رکھنا۔کم سونا۔ ان چاروں چیزوں کو آپ نے اپنے اوپر لازم قرار دے لیا اور ہر سانس کے آمد شد سے پوری طرح با خبر رہتے تاکہ کوئی لمحہ اور کوئی سانس بھی رائگاں نہ گذرے اکثر مشائخ طریقت سے اپنے بزرگوں کے توسط سے آپ کو خلافت ملی اور ان کے مجاز اور خلیفہ بنے آپ فرمایا کرتے تھے کہ طریقت کے کام کی بنیاد اپنے نفس کے حالات سے پوری طرح باخبر رہنے پر قائم ہے اگر سالک اپنے نفس کو بھلا دے تو معرفت کا دروازہ اس پر بند ہو جائے اور سلوک کی منزل اسے نہیں مل سکے گی اور ناکام واپس لوٹنا پڑے گا۔آپ کے ہم عصر بزرگ آپ سے پوری طرح مستفید ہوتے تھے مریدوں کا آپ کے گرد اس قدر ہجوم رہتا تھا کہ لوگوں کا آپ تک پہنچنا مشکل ہو جاتا تھا حضرت مقبول عالم یعنی سید محمد شاہ عالم ثانی سے براہ راست یہ بات سنی ہے وہ فرماتے تھے کہ شاہ بدھ کی زندگی میں بزرگوں کے عرس کے موقعہ پر عیسن پور تک اس قدر ہجوم ہوتا تھا اور بادشاہوں کی پالکیاں اور زر بفت و مخمل کے پردوں میں لپٹی ہوئی عورتیں اس کثرت سے ہوتی تھیں کہ راستہ چلنا دشوار ہو جاتا تھا سید محمد شاہ عالم نے یہ بھی فرمایا کہ ہمارے دادا حضرت سید خاں نے حضرت شاہ بدھ کی بیعت کی تھی جوانی کے ایام میں سید خاں اپنی جاگیر پر تشریف لے گئے تھے کہ وہاں سے شیخ محمد پیر اکبر بادشاہ کا گذر ہوا حضرت سید نے آپ کی دعوت کی شیخ محمد پیر اکبر نے سید صاحب کو اور ادو اذکار کی تلقین فرمانے کا ارادہ ظاہر کیا سید صاحب موصوف نے اسے قبول کر لیا اور صبح کا وعدہ کیا اور راتوں رات شیرنی وغیرہ اور دیگر لوازم بیعت کا انتظام کیا رات کو جب آپ سوئے تو خواب میں دیکھا کہ حضرت شاہ بدھ فرماتے ہیں کہ سید ! تمہارے خاندان میں کس چیز کی کمی ہے کہ تم نے دوسری جگہ بیعت ہونے کا ارادہ کیا ہے سید اس خوب کی ہیبت سے بیدار ہو گئے اور اسی وقت سوار ہو کر سیدھے حضرت شیخ کی خدمت میں پہنچے حتٰی کہ شیخ محمد پیر اکبر کو رخصت تک نہ کیا جب آپ حضرت شاہ بدھ کے باعشافیہ (روبرو)حاضر ہوئے تو وہی خواب والی بات آپ نے دوبارہ فرمائی کہ تمہارے خاندان میں کیا چیز نہیں ہے کہ جو تم دوسری جگہ بیعت کر رہے ہو۔ملک منجھلا جو کہ بادشاہ وقت کے امراء میں بہت اونچے مرتبہ کا شخص تھا ان کا بڑا لڑکا ملک حبیب تھا ملک حبیب نے اپنے پیدا ہونے کا واقعہ خود اس فقیر سے بیان کیا انہوں نے بتایا کہ ہمارے والد کے ہاں لڑکا نہیں ہوتا تھا اور ملک منجھلا سید ناصر الدین محمود کے صحیح العقیدہ مریدوں میں سے تھا اور اس کا سارا خاندان چھوٹے بڑے سب حضرت کے خاندان کے مرید تھے لیکن اولاد کی حسرت دل میں تھی بہت کچھ منتیں مانیں مگر لڑکا نہیں ہوتا تھا ایک روز اپنے اہل و عیال سمیت حضرت شاہ بدھ کی خدمت میں آیا اور عرض کیا کہ پیر بادشاہ میری جوانی کا وقت ختم ہونے کو آیا اور ابھی تک کوئی لڑکا میرے ہاں پیدا نہیں ہوا ہم جو اس درگاہ کے مرید ہیں کہاں جائیں اب ہم آئے ہیں اور اس درگاہ میں آ کر ڈیرے ڈال دیئے ہیں اگر لڑکا ملے گا تو جائیں گے ورنہ زندگی میں کیا مزہ باقی رہ گیا دنیا کی لذتوں میں جی نہیں لگتا یا لڑکا ملے ورنہ یہیں پڑے پڑے جان دے دینگے۔حضرت نے فرمایا اگر ازل میں تمہارے نام لڑکا لکھا ہوا ہے تو ہو جائے گا حق سبحانہٗ تعالیٰ کی ذات پر یقین رکھنا چاہیئے بندوں کا کیا اختیار ہے ‘‘ صاحب الفرض مجنون ’’ (غرض مند دیوانہ ہوتا ہے )اس کہاوت کے مصداق اس نے یہ بات نہ مانی اور درگاہ میں پڑے پڑے مر جانے کے عہد پر قائم رہا حضرت شاہ بدھ نے بہت نصیحت کی سمجھایا بجھایا لیکن کوئی اثر نہ ہوا جب چند روز اسی حال میں گذر گئے تو حضرت نے بھی خالق کائنات کے حضور میں اس کے لئے بہت دعائیں کیں اور پھر بڑی مسرت اور خوشی کے ساتھ ان سے مخاطب ہو کر فرمایا ایک لڑکا کیا کئی لڑکے پیدا ہوں گے جاؤ اور اطمینان رکھو مبارک ہو۔ہمارا سار قبیلہ خوشی خوشی وہاں سے روانہ ہوا زیادہ عرصہ نہ گذرا تھا کہ ملک منجھلا کی بیوی حاملہ ہوئی اور پوری مدت کے بعد لڑکا پیدا ہوا چھٹے دن کا بھی انتظار نہ کیا اور اور بچہ پیر بزرگوار کے قدموں میں لے آئے اور غلامی میں قبول کرنے کی درخواست کی کہ یہ بھی غلاموں کی فہرست میں شامل کر لیا جائے اور سوئی دھاگہ حضرت کے ہاتھ میں دے دیا کہ کان میں سوراخ کر کے اپنا حلقہ بگوش بنا لیں جب حضرت والا نے سوئی ہاتھ میں لے کر کان چھید نا چاہا تو بچہ رو پڑا اور اس کی ماں بھی اور رشتہ دار بھی رونے لگے حضرت والا نے سوئی ہاتھ سے گرا دی اور فرمایا بغیر سوراخ کے اس کو میں نے اپنی غلامی میں قبول کر لیا اور اپنی دو انگلیاں دونوں کانوں پر رکھ دیں فوراً دونوں کانوں میں سوراخ ہو گئے اور ملک حبیب مذکور نے وہ دونوں سوراخ مجھے بھی دکھائے ہیں اور ایک زمانہ نے انہیں دیکھا ہے اس کے لڑکے ملک قطب محمد بھی مادر زاد کانوں کے سوراخ کے ساتھ پیدا ہوئے اور لوگوں نے دیکھا ہے باپ بیٹا دونوں کی یہ کیفیت تھی انکے بعض رشتہ داروں میں سے میں نے سنا ہے کہ ملک حبیب کی اولاد میں جو بچہ بھی پیدا ہوتا ہے اس کا کان قدرتی چھدا ہوا ہوتا ہے لیکن اس عاجز نے ملک حبیب کے سوا کسی اور کو نہیں دیکھا۔
روایت ؎ صحرا میں ایک جگہ تھی گنبد یا اسی قسم کی کوئی عمارت کہ جو چاروں طرف سے کھلی تھی حضرت شاہ بدھ وہاں گا ہے بہ گا ہے اس حدث کے مصداق کہ‘‘ لی مع اللہ وقت’’(میرا اللہ کے ساتھ وقت خاص ہوتا ہے )تشریف لے جاتے تھے اور محبوب یعنی حق تعالیٰ کے ذکر میں مشغول ہو جاتے تھے بیان کیا جاتا ہے کہ اثبات کے وقت آپ کا جسم اس پورے مقام پر محیط ہو جاتا تھا اور چاروں طرف سے باہر نکلنے لگتا تھا اور نفی کے وقت اصلی حالت پر لوٹ آتا تھا اور درویشوں سے یہ بات چنداں بعید اور مشکل نہیں ہے۔
روایت ؎ ملک یمن منجھلا کہتے ہیں کہ جب سلطان بہادر تخت سلطنت پر رونق افروز ہوا تو اس نے حضرت شاہ بدھ کو پیغام بھیجا کہ آپ کی توجہ اور امداد سے میں بادشاہ بنا ہوں ہماری دنیا آپ کی ملکیت ہے جس قدر چاہیں لے لیں میں خوش ہوں لیکن شاہزادگی کی جاگیر جو بٹوا کے آس پاس ہے وہ تو ضرور قبول فرما لیجئے کیونکہ اب جبکہ ہم بادشاہ ہو گئے تو یہ کیسے گوارا کر سکتے ہیں کہ ہمارے پیروں کو کسی قسم کی تنگی اور تکلیف ہو حضرت والا نے فرمایا کہ تمہارے اور دیگر امراء کے تحفے تحائف اتنے ہیں کہ تنگی نہیں رہتی بہت فارغ البالی اور کشائش رزق ہے اس لئے دل میں کوئی خیال نہ لائے۔ بادشاہ نے یہ بات نہ مانی اور کہا کہ اگر آپ اسے قبول نہیں کریں گے تو مجھے تکلیف ہو گی اور ندامت محسوس ہو گی چارو ناچار قبول فرما لیجئے حضرت نے بہت انکار کیا مگر بادشاہ نے جاگیر شاہزادگی کا فرمان مرتب کر کے ارسال کر دیا اور کہا کہ اگر حضرت فرمان قبول نہ فرمائیں تو خادموں کے حوالے کر کے چلے آنا حضرت جب دیکھا کہ سلطان بہادر ہے کبھی اپنے قول سے نہیں پھرے گا تو خادموں سے فرمایا کہ مصرف میں آؤ اس دن سے فقراء کے ہاں دنیا نے ڈیرے ڈال لئے لیکن حق تعالیٰ نے حضرت والا کی حالت میں کوئی تبدیلی نہ ہونے دی اور آپ کے معمولات مثلاً شب بیداری اور عبادت و اذکار میں کوئی کمی اس سے واقع نہ ہوئی اور ریاضت و مجاہدہ اور نیکی و تقویٰ میں کوئی فرق نہیں آنے پایا چنانچہ بعد کے لوگ کہا کرتے تھے کہ اگر دنیا نے کسی شخص کو نہیں بدلا تو صرف حضرت شاہ بدھ کی ذات ہے۔شیخ احمد غزالی کا ارشاد ہے کہ طویلہ (اصطبل مراد دنیا)کی میخ ہر شخص کے ہاں پیوست ہوئی مگر سادات کے دلوں میں نہیں لگ سکتی حضرت شاہ بدھ رشتہ داروں درویشوں مسکینوں عالموں نیکو کاروں اور عابد و زاہد لوگوں کی خدمت کرتے تھے اور پورے اطمینان کے ساتھ عبادت و ریاضت میں وقت گذارتے اور ترقیِ مراتب میں مشغول رہتے یہ بات بادشاہ کے درجات کی بلندی کا باعث بھی ہوئی کیونکہ بادشاہ ی فیاضی سالکوں کی مددگار اور معاون ثابت ہوتی ہے اس اعتبار سے سالکوں کی ترقیِ درجات بادشاہ بلندی کا سبب ہے گویا دونو ں کی ترقی ایک دوسرے سے وابستہ ہے اگر نیکی کرنے والا شخص آرام کی نیند سو رہا ہو اور شب بیدار شخص سلوک کی منزلیں طے کر رہا ہو اور اس احسان کرنے والے کی مدد اس کے ہمراہ ہے تو وہ احسان کرنے والا بھی گویا سلوک ہی کی منزلیں طے کر رہا ہے۔اور وہ گویا اسی کی کوشش میں مصروف ہے اور جب کوئی شخص کوشش کرتا ہے تو منزل تک پہنچ جاتا ہے اس لئے جو شخص اس قسم کے سالکوں کی امداد اعانت کرتا ہے تخت پر سوتے سوتے بھی منزل پر پہنچ جاتا ہے اور ریاضت و محنت کے جیسا ثواب سالک و عابد کو ملتا ہے سالک کی امداد و اعانت کرنے والے کو بھی ضرور حصہ ملتا ہے اور دولت مندوں کو اس درجہ کامیابی سے زیادہ اور کیا چاہیئے سالک اپنی محنت و ریاضت اور عبادت کا ثواب پاتا ہے اور دولت مندوں لوگ درجہ میں اس کے ساتھ مل جاتے ہیں یہ جو کہا جاتا ہے کہ بادشاہ کو چالیس (۴۰)ولیوں کی کرامت حاصل ہوتی ہے اس اعتبار سے اگر زیادہ کا بھی کہیں تو بجا ہے کیونکہ وہ مخلوق کی مدد کرتا ہے دنیا صرف اسی کو نقصان پہنچاتی ہے جو دنیا کی لذتوں میں دل بستگی کر لیتا ہے اور اسی میں منہمک رہتا ہے اور دنیا کو بے دریغ لٹاتا نہیں ہے کیونکہ دنیا میں یہ تاثیر رکھی گئی ہے کہ اس کے حصول کے بعد نفس انسانی مست اور بے خود ہو جاتا ہے اور دنیا کی نعمتوں میں اس قدر محو ہو جاتا ہے کہ حق تعالیٰ کو بھی بھول جاتا ہے اس لئے بندگان خدا دنیا کو ضرورتاً ترک کر دیتے ہیں جس کو حق تعالیٰ نے توفیق ارزانی فرمائی ہو اور یہ قوت بخشی ہو کہ وہ دنیا میں رہ کر عدل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے اور میانہ روی اختیار کرے اور خود کو دنیا سے آلودہ نہ کرے اور اسلام کے احکام و شرائط اور پختہ ایمان کے تقاضوں کو پورا کرتا رہے تو یہ چیز فقیر و درویشی سے کئی درجہ بہتر ہے بلکہ ایسا آدمی بہتوں سے بہتر اور اچھا ہے حضور نبی کریمﷺ اور آپ کے اصحاب اور خلفاء راشدین نے دنیا کو اس قدر قابو میں کیا حالانکہ دنیا سے ان کو کیا تعلق تھا مگر انہوں نے دنیا کو اپنے لئے قبول نہیں کیا اور جس قدر دنیا ان کو ملتی رہی وہ اسے دوسروں پر خرچ کرتے رہے اور حضور نبی کریمﷺ کی محبت کا فیض تھا کہ خلفاء راشدین بھی دنیا سے بے تعلق رہے ورنہ کمی کیا تھی۔
روایت ؎ سید محمود منصور الملک نے اپنی ایک کتاب میں لکھا ہے کہ جب ہمایوں نے گجرات فتح کیا اور بہادر خاں بھاگ گیا تو ہمایوں اپنے امراء کو احمد آباد میں چھوڑ کر خود دہلی کو جو پایۂ تخت تھا روانہ ہو گیا سلطان بہادر اور اس کے امراء نے بغاوت کی بہادر خاں چانپانیر واپس آیا وہاں ایک درویش سید حسن تھے جنہوں نے ہمایوں کو تبرک عطا کیا تھا اس سے کہنے لگا کیوں ہمایوں سے ملے اور اسے کیوں تبرک دیا انہوں نے معذرت کی مگر قبول نہ کی اور ان کو بہت زیادہ ستایا اور کھنبات کے تاجر جنہوں نے ہمایوں کا ساتھ دیا تھا ان کے ناک اور کان کٹوا دیئے حضرت شاہ عربشاہ بن شاہ زاہد بن حضرت قطب العالم سے اور سید عالم بن سید عثمان شمع برہانی سے کہنے لگا چلو مکہ بھاگ جاؤ ہمایوں سے کیوں ملنے گئے اسی طرح جو شخص بھی ہمایوں سے ملنے گیا تھا اس کے ساتھ بہت بد سلوکی سے پیش آیا حضرت شاہ بدھ بھی اس کی اس گھٹیا حرکتوں سے آزردہ خاطر ہو گئے چنانچہ لوگوں نے حضرت شاہ بدھ سے آ کر عرض کیا کہ اب کیا کرنا چاہیئے بادشاہ بہت ظلم اور نا انصافی کرنے لگا ہے ایک مرتبہ اس کو مبارک باد دینے چلنا چاہیئے آپ نے بہت انکار کیا مگر آخرکار یہ طے پایا کہ جانا مناسب ہے جب بادشاہ کے محل کے دروازے پر پہنچے تو اس کے درباری حاضر ہوئے اور آداب تعظیم بجا لائے اور شاہی کمرہ کے پاس بٹھایا اور مبارک باد کی دعا بادشاہ تک پہنچائی کہنے لگا کہ ہمیں کسی کی مبارک باد کی ضرورت نہیں ہے کیوں تکلیف۔کی حضرت شاہ بدھ نے اپنے کانوں سے یہ لفظ سنے تو فرمایا خوب بابا نے جو بوئے تھے جو میرے حصہ میں آئے یہ کہہ کر وہاں سے اٹھ آئے اور اپنے مکان کو روانہ ہو گئے اسی اثنا میں ایک مرید نے آپ کا وہ پان جو آپ کے منہ میں تھا آپ سے مانگا فرمایا اس پان کے پتہ میں زہر ہے جو کھائے گا مر جائے گا اس لئے نہیں دوں گا اسی اثنا میں کسی نے کہا کہ بہادر شاہ نے اپنے بھانجے محمد شہ کو جو برہان پور کا بادشاہ ہے اپنی سلطنت بھی اس کے نام کر دی ہے آپ نے سن کر فرمایا دونوں دنیا سے رخصت ہو جائیں گے مالک الملک کے سوا کسی کو کون ملک عطا کر سکتا ہے اس جگہ صاحب ولایت حضرت قطب العالم ہیں برہان پور اور دولت آباد جسے وہ چاہیں گے دے دیں گے یہاں محمد شاہ کا گذر نہیں ہے ایسا ہی ہوا کہ چند روز بعد بہادر خاں کو انگریزوں نے مار ڈالا اور تین ماہ بعد محمد شہ بھی فوت ہو گیا ’’قول مرادی جان دارد ‘‘حضرت شاہ بدھ کی عمر(۵۹) انسٹھ سال ہوئی اور آپ کا وصال ۹۵۲؁ھ میں ذیقعدہ کی انتیس تاریخ کو ہوا ولی پیر دستگیر سے آپ کی تاریخ وفات نکلتی ہے۔

حضرت شاہ حسین قدسرہٗ کے حالات کا تذکرہ

آپ حضرت شاہ بدھ کے فرزند ارجمند اور صاحب سجادہ ہوئے ہیں آپ کے والد آپ کے پیدا ہونے کے کچھ عرصہ بعد ہی انتقال فرما گئے آپ کے جد بزرگوار حضرت شاہ بدھ نے اپنے اس پوتے یعنی شاہ حسین کو اپنے موروثی مسند اور بزرگوں کے تبرکات جو کہ سجادہ نشینوں کے لئے لازمی ہیں عطا فرمائے اور وہ چیزیں تھیں۔
(۱)حضو ر نبی کریمﷺ کی عبا کا ایک ٹکڑا (۲)حضرت علی مرتضیٰ کی عبا کا ٹکڑا (۳)اور حضرت قطب الاقطاب مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کا خرقہ کہ اس کے علاوہ گجرات میں کسی کے پاس آپ کا خرقہ نہیں ہے اور یہ خرقہ حضرت مخدوم ناصر الدین محمود بن حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت شاہ راجو قتال نے اتفاق رائے سے حضرت قطب العالم کو مرحمت فرمایا تھا اور اسے لے کر آپ گجرات تشریف لائے تھے (۴)لکڑی کا ایک کشکول کہ جو سفر میں حضرت مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ ساتھ رہتا تھا اور تانبے کی ایک مہر جو مخدوم جہاں نیاں جہاں گشت رحمۃ اللہ علیہ کے وِصال کے دن تک اِستعمال ہوتی رہی تھی وہ بھی آپ کو عطا ہوئی اور مصلّٰی اور تکیہ بھی عطا ہوا بزرگوں کے دیگر تبرکات بھی آپ کو مرحمت کر دیئے گئے۔حضرت شاہ حسین بڑی شان اور برکت سے صاحب سجادہ اور مسند نشین ہوئے آپ کی ذات گرامی اس عالی شان خاندان کے جواں ہمت لوگوں میں سے تھی اور دولت دنیا کی وقعت آپ کے نزدیک مچھر کے پرکے برابر بھی نہیں تھی جو کچھ دن میں مال و دولت آتی تھی رات تک سب خرچ کر دیتے تھے تین مرتبہ آپ نے اپنا تمام اسباب لٹوا دیا اور صلائے عام دے دی یہاں تک کہ کچھ باقی نہ بچا۔ایک مرتبہ اصطبل میں تین سو گھوڑے تھے اور دو بار دو دو سو یا تین تین سو سے کچھ کم تھے سب تقسیم کر دِیے اور اعلان فرما دیا کہ جو چاہے لے جائے اسی طرح اور چیزیں بھی آپ راہِ حق میں لٹوا دیتے تھے۔
روایت ؎ حضرت میاں وجیہ الدین نے جو حضرت کے خادم خاص تھے اور ان کے بیٹے میاں عبد اللہ اور میاں عبد الواحد نے بیان کیا کہ حضرت سید حسین کے سجادہ نشین ہونے کے بعد آپ نے تین کام ایسے سر انجام دیئے جو کسی اور نے نہیں کئے تھے ایک تو یہ کہ وہ سب تمکات جو مین کی فروخت کے بارے میں تھے یعنی وہ زمینیں جو سادات نے ضرورت کی بنا پر بیچ ڈالی تھیں ان کی رجسٹریوں کے کاغذ وغیرہ منگوا کر زمین بیچنے والوں کو بلا کر دے دیئے اور فرمایا ان کو پڑھ کر دھو ڈالو سب نے حضرت کی موجودگی میں وہ تمام تمکات پانی سے دھو ڈالے اور اپنی پرانی زمینوں کے آبائی مالک بن گئے (۲)دوسرے یہ کہ اکثر بادشاہوں اور امیروں کی بیگمات حضرت شاہ بدھ کے زمانے میں آپ کی بیعت کرتی تھیں لیکن جب شاہ حسین سجادہ نشین ہوئے تو آپ نے عورتوں کو مرید کرنا یک لخت موقوف کر دیا اور فرمایا عورتیں میرے سامنے نہ آیا کریں اور پردہ میں بیعت ہوں اور دعا کریں اور توبہ استغفار کریں اور مریدوں نے جو کچھ دیا تھا واپس فرما دیا اور ارشاد فرمایا کہ مریدوں کو دینا چاہیئے نہ کہ ان سے کچھ لیا جائے مریدوں نے بہتا اصرار کیا مگر آپ نے قبول نہیں فرمایا (۳)یہ کہ جب آپ سجادہ نشین تھے آپ کے کسی دور کے رشتہ دار نے آپ کے ایک نہایت نزدیکی رشتہ دار کو قتل کر دیا آپ نے قتل کو فی سبیل للہ معاف فرما دیا اور باوجود طاقت کے بدلہ نہیں لیا وہ لوگ اس روز بہت ڈرے سہمے ہوئے تھے کہ حضرت جوان اور صاحب قدرت ہیں نہ جانے کیا کر دیں مگر آپ تنہا گھوڑے پر سوار ہو کر ان لوگوں کے پاس گئے اور ان کو اطمینان دلایا کہ میں نے خدا کے لئے بخش دیا اس لئے بے فکر رہو اور تنہا یا اکٹھے جہاں جانا چاہو جا سکتے ہو۔
روایت ؎ سید محمد بن سید نور محمد بھکری جو غیر شادی شدہ نہایت متقی صائم الدہر اور حضرت قطب العالم کی مسجد کے امام تھے وہ کہتے ہیں کہ میں برسوں تک اِبتداء میں حضرت کی خدمت میں دوپہر تک رہتا تھا آپ درس و تدریس میں مشغول رہتے تھے بارہا ایسے موقعوں پر بادشاہ آ گیا لیکن مجھے یا کسی اور کو یہ طاقت نہیں تھی کہ آپ کو بادشاہ کی آمد کی خبر کر سکے ایک روز آصف خان وزیر نے کہلا بھیجا کہ اگر چہ بادشاہوں کا درویشوں کے پاس آنا اور دیر تک اِنتظار ملاقات میں توقف کرنا اُن کے لیے عزت اور نیک نامی کا باعث ہے لیکن سید حسین کی بے نیازی کا تو یہ عالم ہے کہ کوئی اُن تک بادشاہ کی آمد خبر بھی نہیں بھیجتا اِس لیے وہ بادشاہ کے آتے ہی باہر نہیں آتے۔آپ نے فرمایا بہتر یہ ہے کہ پہلے حضرت قطب ُالعالم کے مزار پر فاتحہ خوانی کر کے آئیں سلطان نے کہا کہ آپ کے توسل کے بغیر کیسے جا سکتے ہیں ہم بے سید لوگ ہیں اور آپ سجادہ نشین ہو کر دنیا سے اس قدر مستغنی ہیں کہ ہمیں اور دُنیا کو کسی شمار میں نہیں لاتے ہم حضرت قطب العالم کے مزار پر آپ کے بغیر کیسے جا کر زِیارت کر سکتے ہیں اس کے بعد آپ کافی دیر گذرنے کے بعد درس سے فارغ ہو کر تشریف لاتے اور دونوں اکٹھے جا کر مزار حضرت قطب العالم کی زیارت کرتے۔
روایت ؎ سید موصوف سے سنا کہ ایک روز سلطان محمود نے افضل خاں بنیانی جو دوسرا وزیر تھا اسی سے کہا کہ آصف خاں سید حسین کے استغناء کی شکایت کرتا ہے اور سید صاحب کے یہاں جانے میں مانع تھا تمہاری کیا رائے ہے۔افضل خاں نے کہا کہ یہ تو آپ کی سلطنت کی خوش نصیبی ہے کہ آپ کے ملک میں ایسے بے نیاز بزرگ بھی ہیں جنہیں آپ کی بھی کچھ پروا نہیں ہے ورنہ تو ساری دنیا تو آپ کی اک نگاہ کی طلبگار ہے اور آپ کے پاس چل کر آتی ہے اس قسم کے بزرگ بھی تو آپ کے ملک میں ہونے چاہئیں کہ جو آپ کے متعلق کوئی غرض نہ رکھے اور یاد حق میں ہمہ تن مشغول ہو جائے اور سوائے سید صاحب کے اور کون ایسا ہے سلطان نے کہا میرا بھی یہی اعتقاد ہے تمہارا خیال معلوم کرنا چاہتا تھا اس لئے پوچھا تھا۔
روایت ؎ سید محمد کہتے ہیں کہ ایک روز ایک سائل نے آ کر سوال کیا کہ میں کئی لڑکیوں کا باپ ہوں مجھے اس قدر عطا فرما دیجئے کہ سب لڑکیوں کی شادی کر دوں فرمایا صبر کرو اور مجھے حکم دیا کہ جو کچھ موجود ہو لے آؤ اور باقی کچھ مت چھوڑو میں گیا اور میں نے اس شخص سے جس کے سپرد تمام چیزیں ہوتی تھیں کہا اس روز کہچ۔کوھہ وغیرہ کے تھان آئے تھے میں نے وہ سب لا کر اس کو دے دیئے پھر اس نے کسی سواری کا مطالبہ کیا کہ ان چیزوں کا تنہا نہیں لے جا سکوں گا گاڑی بھی اس کو دی گئی وہ خوش خوش دعا کرتا ہو گھوڑا گاڑی پر سب چیزیں لاد کر چلا گیا بارہا ایسا ہوا کہ محتاج کو سوال کرنے سے قبل اتنا کچھ دے دیتے تھے جو اس نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوتا تھا اور سخاوت کی خوبی جو تمام خوبیوں کی سرتاج اس خاندان عالی میں سب سے زیادہ آپ میں تھی۔
روایت ؎ ملک محمود ؔپیارو مرحوم کہتے ہیں کہ جب میں برہان پور سے حضرت شاہ حسین کی خدمت میں حاضر ہوا بہت زیادہ توجہ میرے حال پر مبذول فرمائی اور فرمایا محمود جیو پیارو کہیں دل تنگ نہ ہونا اور جو کچھ ضرورت ہو بے تکلف لے لینا اور فوراً ایک لاکھ روپے ہم سے چھپا کر ہماری بیوی کو دے دیئے میری بیوی اس انتظار میں تھی کہ میں اجازت دوں تو قبول کرے اس نے کہا میں اپنے شوہر سے پوچھ لوں تو لے لوں گی حضرت کی بیگم نے بہ اصرار وہ رقم میری بیوی کو دے دی بعد میں ایک عرصہ تک کہ جب تک گجرات میں میرے معاش کا کوئی معقول انتظام نہ ہوا مختلف قسم کی امداد کرتے رہے جو صرف بادشاہوں کے بس کی بات ہے۔
روایت ؎ حضرت سید لطیف محمد قد سرہٗ فرماتے ہیں کہ ایک روز حضرت والا محترم سید حسین رحمۃ اللہ علیہ ورد میں مشغول تھے اکثر خادم سو چکے تھے صرف ایک خادم جاگ رہا تھا چراغ میں تیل کی ضرورت محسوس ہوئی وہ شخص جو بیدار تھا تیل لانے کے لئے اٹھا فرمایا ٹھہر و کوزہ کا پانی چراغ میں ڈال دو چنانچہ پانی سے دیا جلتا رہا اور آپ مطالعہ فرماتے رہے۔
روایت ؎ معتبر سادات سے منقول ہے کہ جب حضرت سید خاں بن سید عبد الغفور جو حضرت شاہ عالم کے صاحبزادہ تھے ان کا انتقال ہو گیا ان کے ہاں کوئی لڑکا نہیں تھا البتہ ان کی اہلیہ خوندا گوہر حاملہ تھیں حمل ابھی چند روز کا تھا اور صحیح علم نہ تھا کہ حمل ہے بھی یا نہیں۔اپنے شوہر کی جدائی میں انہوں نے یہ طے کر لیا تھا کہ اس حادثہ کے بعد گھر میں چراغ نہیں جلائیں گی جب یہ خبر حضرت شاہ حسین کو ملی تو آپ ان کے ہاں تشریف لے گئے اور فاتحہ پڑھ کر بیٹھ گئے اور دوبارہ وضو فرمایا اور وضو کے دوران خادم سے فرمایا اندر سے چراغ لے آؤ خادم نے حکم کے مطابق اندر سے چراغ مانگا سید صاحب کی اہلیہ نے کہلا بھیجا کہ چونکہ چراغ جلانے کے لئے کوئی پیچھے نہیں بچا اس لئے ہم نے طے کیا ہے کہ ہم چراغ نہیں جلائیں گے حضرت شاہ حسین نے ایک دیا منگوا کر وضو کے بچے پانی سے اس میں ڈال دیا اور خادم سے حکم فرمایا اپنی چادر کا ایک ٹکڑا لے کر بتی بنا کر اس چراغ میں جو پانی سے بھرا ہوا تھا جلا دیا اسی وضو کے پانی سے چراغ جلنے لگا آپ نے اندر بھیج دیا اور فرمایا آج کے بعد سے تمہارا چراغ روشن رہے گا پھر جلد ہی دوسرا چراغ روشن کر کے اندر بھیجا اس طرح کئی بار کیا۔اس کے بعد ان کے ہاں سید جلال جیسا فرزند پیدا ہوا جس نے ماہ عالمؔ کا خطاب پایا بعد ازاں سید محمد نام کا لڑکا پیدا ہوا جسے مقبول عالم کا خطاب ملا اس کے بعد سید جلال اور سید جعفر نام کے دو فرزند بھی اسی بطن سے پیدا ہوئے یہ سب ایسی شان کے بچے ہوئے جن کی نظیر شاہ عالم کی اولاد میں بلکہ پورے خاندان میں نہیں ملتی۔
روایت ؎ یہ بات بھی پایۂ ثبوت کو پہنچ چکی ہے کہ حضرت شاہ حسین کے زمانۂ تولیت میں جب آپ سجادہ نشین تھے حضرت والا آم وغیرہ کے درختوں کو ٹھیکہ پر نہیں دیتے تھے اور اللہ کے لئے سادات اور فقرا میں تقسیم فرما دیتے تھے حویلی کے دروازے پر گاڑیاں کھول دی جاتی تھیں اور آم وغیرہ سب تقسیم ہوتے تھے اور کوئی شخص بھی ان پھلوں سے دانستہ محروم نہیں رہتا تھا۔
روایت ؎ نماز جمعہ کے بعد سلطان محمود شہید کے دو درباری جو آخری صف میں مسجد کی دہلیز کے پاس بیٹھے تھے اور محراب تک صفیں بھری ہوئی تھیں ان میں سے ایک نے دوسرے کے کان میں کہا دیکھ رہے ہو شیخ کیسے نعمتیں کھا کھا کر موٹے ہو رہے ہیں جب نماز سے فارغ ہوئے تو سب لوگ قدم بوسی کر کے واپس جا رہے تھے جب ان دونوں کی باری آئی اور انہوں نے قدم بوسی کی تو آپ نے فرمایا دیکھا تم نے شیخ طرح طرح کی نعمتیں کھا کر کیسا موٹا ہو رہا ہے۔(حضرت والا کا رعب دبدبہ کی یہ کیفیت تھی کہ آپ سے مل کر لوگ آپ کی طرف پشت نہیں کرتے تھے اور الٹے پاؤں واپس لوٹتے تھے )جب آپ نے ان کی کہی بات بعینہٖ ان سے کہ دی تو ان کی حالت دیکھنے کے قابل تھی وہ دونو قدموں پر گر کر معذرت کرنے لگے اور بہت شرمندہ ہوئے۔
روایت ؎ معتبر لوگوں کی زبانی بلکہ سید مقبول عالم سے میں نے سنا ہے اور تمام مجاور بھی اس کی تصدیق کرتے ہیں کہ ایک رات حضرت شاہ عالم کا مجاور اپنا سالانہ وظیفہ وصول کرنے کے لئے سلطان محمود کے پاس گئے رات کو حضرت قطب العام کے مزار پر قیام کیا جب حضرت والا صبح کی نماز کے لئے تشریف لائے تو مجاوروں نے سلام عرض کیا اور محمود آباد جانے کی اجازت طلب کی حضرت نے فوراً فرمایا آج رات سلطان محمود کا انتقال ہو گیا وہ شہید ہو گیا حضرت قطب العام نے ننگی تلوار مجھے دکھا کر یہ خبر دی، وہاں مت جاؤ واپس لوٹ جاؤ، اور پھر جتنا وظیفہ سالانہ وہ لوگ بادشاہ سے لیا کرتے تھے آپ نے اپنے پلہ سے ان کو دے دیا اس کے فوراً بعد لوگوں کو یہ خبر معلوم ہوئی اور سب لوگوں میں اس کا چرچا ہو گیا۔
روایت ؎ معتبر سادات کا بیان ہے کہ ایک رات ملک محمود پیارو حضرت شاہ حسین بن شاہ برہان کی خدمت میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اتفاقاً سلطان محمود کا ذکر چھڑ گیا یہ سنتے ہی آپ نے خنجر آبدار جو کمر میں بندھا ہوا تھا نکال کر زمین پر ڈال دیا اور فرمایا محمود جیو پیارو میں نے محمود بادشاہ کو ذبح کر دیا ملک پیارو نے معذرت خواہی کی کہ سلطان محمود ہمارا صاحب ہے اسے معاف فرما دیں آپ نے دوبارہ غصے سے فرمایا میں نے اسے ذبح کر دیا آپ نے یہ جملہ تین بار کہا اور خنجر کو زمین پر مارا جب کہ آپ نے فرمایا تھا اس وقت سلطان مارا گیا صبح کو جب مسجد میں تشریف لائے تو آپ نے حضرت شاہ عالم کے مجاور سے جو کچھ کہا اس کا ذکر اس سے پہلے گذر چکا ہے۔
روایت ؎ تاریخ سکندری میں ہے کہ جب ناصر الملک نے سید مبارک اور اعتماد خاں کو احمد آباد سے نکال دیا اور یہ لوگ بیکرنج کے قصبہ میں چلے گئے اس ارادے سے کہ سلطان دہلی کے پاس چلے جائیں گے ناصر الملک سلطان احمد کو ساتھ لے کر گجرات کے ایک بہت بڑے لشکر کے ساتھ ان کے سر پر جا پہنچا اور احمد آباد سے دس کوس کے فاصلے پر قیام کیا۔سید مبارک نے اعتماد خاں سے کہا کہ ہم مر مٹنے کا عزم کر کے اس سے جنگ کریں گے اور پیٹھ نہ دکھائیں گے کیونکہ اگر دہلی گئے تو سلطان محمد شاہ دہلی کہے گا کہ دیکھا ناصر الدین سے بھاگ کر آئے ہیں اعتماد خاں نے کہا ہماری فوج صرف چار ہزار سواروں پر مشتمل ہے اور ناصر الملک کے پاس (۵۷)ہزار کا لشکر ہے ہم جنگ کیونکر لڑ سکیں گے سید صاحب نے فرمایا تم ہمارے پیچھے رہ کر جنگ کا نظارہ کرتے رہو۔اعتماد خاں خاموش رہا اور سید صاحب لشکر کی تیاری میں مشغول ہو گئے یہ طے پایا کہ رات کو حملہ کریں گے اسی دوران میں حضرت شاہ حسین بخاری سجادہ نشین حضرت قطب العالم کا مکتوب گرامی بھی موصول ہو گیا یہ خط شیخ مہر منجھو جو شیخ سکندر کا والد تھا وہ لایا تھا اور اس میں آپ نے تحریر فرمایا تھا کہ مطمئن ہو کر ناصر الملک سے جنگ کرو کیونکہ قرآن کی اس آیت کے مصداق کہ {کم من فئۃٍ قلیلۃٍ غلبت فئۃً کثیرۃ م باذن اللہ }(کتنی کم تعداد والی جماعتیں ہیں کہ زیادہ تعداد والی جماعتوں پر غالب آ گئیں کامیابی اور فتح کا دروازہ تمہارے لئے وا ہو جائے گا )حضرت قطب العالم کی بشارت ہے جو لکھ رہا ہوں آپ خود بھی ناصر الملک کو اس جنگ سے باز رہنے کے لئے اس کے پاس گئے وہ کہنے لگا آپ جو حکم دیں سرو حشم مگر سید مبارک سے صلح ممکن نہیں ہے کہ اس کو یہاں سے باہر نکالنے کا پختہ ارادہ کر چکا ہوں یہ سن کر حضرت شاہ حسین غصہ میں آ گئے اور فرمایا ہم سادات کو لے کر سید مبارک کے ساتھ جائیں گے اور دیکھیں گے کہ گجرات کے لشکر میں سے وہ کون بے پیر ہے جو ہمارے ساتھ جنگ کے لئے آمادہ ہو گا یہ کہ کر آپ واپس گھر تشریف لے آئے اور بٹوا اور اساول میں تمام سادات کے ہاں جانے کا پروگرام بنایا اور طے فرمایا کہ کل جائیں گے اسی رات کو پھر خوب میں حضرت قطب العالم نے فرمایا کہ سید حسین تمہارے جانے کی چنداں ضرورت نہیں ہے ہم نے سید مبارک کو یہیں بلایا ہے جب سید منجھو دولقہ(دھولکہ) سے بٹوا آئے اور آپ سے رخصت ہونے لگے تو آپ نے رات کی بشارت کا واقعہ بھی ان کو سنایا اور ایک جبہ اور حضرت قطب العالم کی طرف سے دی گئی خوشخبری لکھ کر ان کو دی جب وہ خوشخبری کا خط اور جبہ مبارک سید مبارک کے پاس پہنچا سید صاحب نے اس کو نمبزلہ وحی کے سمجھ کر یقین کر لیا کہ مراد حاصل ہو گئی اسی روز اس کا نتیجہ بھی بر آمد ہونے لگا کہ ناصر کے لشکر میں سے عماد الملک رومی اور الف خاں حبشی بادشاہ جن کی قید میں تھا انہوں نے سید مبارک کو پیغام بھیجا کہ ناصر لشکر کے گھمنڈ میں غافل ہے آپ رات کو شب خون مارو اور صبح کو چھاؤنی پہنچ جایئے سلطان احمد آپ کی پیشوائی کے لئے لے کر آئیں گے اور پھر سب کام حسب منشا سر انجام پا جائے گا۔سید صامبارک نے ایسا ہی کیا اور صبح کو ناصر الملک کے کیمپ کے قریب پہنچ گئے اور پانچ مو منتخب سپاہیوں کے لشکر کو اس کے ڈیرہ پر حملہ کے لئے بھیجا د الملک اور الف خاں نے اپنا وعدہ پورا کیا اور سلطان احمد کو اس کے لشکر کے قریب سید مبارک کے سپرد کر دیا جب ناصر الملک کو اس کی خبر ہوئی تو بھاگ نکلا اور فتح و کامیابی سید مبارک کو نصیب ہوئی شعر
کارنہ ایں گنبد گرداں کند-ہرچہ کند مرداں کند
آسمان کچھ نہیں کرتا جو کچھ ہوتا ہے مردوں کی ہمت سے ہوتا ہے
بعد ازاں سید مبارک نے اعتماد خاں کے پاس سواری بھیج کر اسے اپنے پاس بلا لیا اور دوسرے روز شہر احمد آباد کے لئے روانہ ہو گئے۔حضرت شاہ حسین کی کرامات بے شمار ہیں اس جگہ اسی پر اکتفا کرتے ہیں۔
روایت ؎ سید محمد بھکری بیان کرتے ہیں کہ رمضان کے مہینے میں جب آپ کے وصال کا وقت قریب آیا آپ کے تمام رشتہ دار اور فرزند اور سادات موجود تھے آپ نے ان سے فرمایا جو کچھ میری پیشانی میں تھا وہ میرے فرزند شاہ لطیف محمد کی پیشانی میں مجھے نظر آ رہا ہے چنانچہ اسی مہینے کی پچیس(۲۵) تاریخ کو ۹۶۳؁ھ میں سحری کے وقت آپ کا انتقال ہو گیا {اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ}آپ کی تارخ وفات سلطان بخاری کے لفظ سے بنتی ہے اور میاں یوسف بن میاں منجھو بن میاں اکبر مرحوم و مغفور نے چند اشعار کہے ہیں جو آپ کی پیدائش اور عمر اور وصال کی تاریخ میں جامع ہیں اور حسب ذیل ہیں۔
شہ حسین بو دودراں -نہ بور شاہ داننداز کہان دمہانی
شاہ حسین کہ جو حسین ثانی تھے اور اس بارے میں سب چھوٹے بڑے کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں تھا ۔
زہے بہ صورت وسیرت حسین عین حسین-کہ درد جوددر آمد بہ روز حلت آں
وہ صورت اور سیرت میں بالکل حضرت حسین کی مانند تھے اور آپ کی پیدائش ان کی شہادت کے دن ہوئی
شہ زمین و زماں کان صدق و مظہر جود -چراغ چشم و جگر گوشۂ شہ برہاں
زمین اور زمان کا مالک سچائی کی کان سخاوت کا مظہر اتم اور قطب العالم کے جگر کا ٹکڑا اور آنکھ کا نور
بہ زاد قدوۂ اقطاب روز عاشورا-ز ہجرت نبوی بست و ہفت نہ صد داں
قطب الاقطاب عاشورا کے دن پیدا ہوئے سن ہجری ۹۲۷؁ھ تھا
دریں جہان فنا سال سی وشش ماندہ-ازانکے ہیچ کسے نیت زندہ جاویداں
اس جہان فانی میں آئے ہوئے چھتیس برس تک رہے کیونکہ کوئی ہمیشہ زندہ رہنے والا نہیں ہے یہاں
شب دو شنبہ پاس اخیر قرب سحر -بہ بست و پنج ز ماہ مبارک رمضاں
پیر کی رات کو آخری وقت میں صبح کے قریب رمضان کی پچیس تاریخ کو آپ کا وصال ہوا
بہ سال نہصدو مشت و ثلث ہجریہ-شدش وصال ازیں عالم زمین و زماں
بیان کیا جاتا ہے کہ وفات کے وقت آپ نے فرمایا کہ بہشت کی سواری کے لئے فلاں گھوڑا جس پر دنیا میں ہم سوار ہوتے تھے ذبح کر دیا جائے جب اس کو ذبح کرنے لگے تو وہ بھاگا آپ کو خبر دی گئی فرمایا جا کر گھوڑے سے کہو کہ ہماری سواری کے لئے ہمارے ہمراہ نہیں چلو گے جب ایسا کہا گیا تو گھوڑا رام ہو گیا اور خود گر پڑا چنانچہ اسے ذبح کر لیا گیا وہ بھی حضرت کے ساتھ ہی مرا یہ واقعہ اکثر لوگوں سے سننے میں آیا ہے۔واللہ اعلم بالصواب۔
آپ کے فرزندوں کے نام یہ ہیں۔سید عزیز محمد۔سید محمد۔حضرت شاہ لطیف محمد۔سید نور محمد۔شاہ حافظ محمد۔سید داؤد۔سید نور محمد۔سید داؤد لا ولد فوت ہوئے دوسرے چار فرزندوں سے اولاد ہوئی پھر آگے بھی ان کی بھی سعادت مند اولاد نصیب ہو اور بہ طفیل نبی اکرمﷺ اس عاجز کے بچوں کو دنیا و آخرت میں سعادت مند فرمائے اور سب مقبول بارگاہ نبوی ہوں اور حق تعالیٰ اس خاکسار کو بھی ان کے زمرہ میں شامل کرے یہی ہر لمحہ بارگاہ خداوندی میں دعا ہے۔

حضرت سید محمد لطیف بخاری کے حالات کا بیان

آپ حضرت شاہ حسین کے فرزند اور اپنے والد کی مسند کے سجادہ نشین ہیں بچپن ہی سے حق تعالیٰ کی محبت کی دولت بہت زیادہ آپ کے دل میں جاگزین ہو گئی تھی آپ کے والد ماجد کے انتقال کے وقت آپ کی عمر صرف سات برس کی تھی۔آپ کے بعض دوسرے بھائیوں نے جوان ہونے کے بعد نوکری کر لی اور دنیا کمانے میں لگ گئے آپ آزمائش کے طور پر اپنے بھائیوں کو دنیا کمانے کی ترغیب دیتے اور دنیا کے عیش و آرام اور اس کے حسن و رعنائی کا تذکرہ فرماتے لیکن خود حضرت والا نے فقر و قناعت کو اختیار فرمایا اور جواب دیتے کہ ہمارے لئے تو فقر کی دولت ہی بہتر ہے اور یہی تو درویشی ہے کہ دنیا کے سرو سامان سے زیادہ بھلی لگتی ہے۔آپ کے بھائی اپنا مال اور سازو سامان آپ کو دکھا کر کہتے کہ دیکھو ہمارے پاس کیا کیا کچھ ہے لیکن تمہارے پاس کیا ہے آپ گو بچے تھے اور بچپن تو خواہشات کا زمانہ ہوتا ہی ہے مگر ان چیزوں کی طرف مطلق توجہ نہ فرماتے اور تحصیل علم اور مطالعہ میں مشغول رہتے اور شہر کے تمام بزرگوں کا آپ نے دل موہ لیا تھا اور سب سے ذکر شغل کی اجازت اور خلافت ہر بزرگ سے حاصل کی جس بزرگ کے پاس جاتے اس سے ایک ہی درخواست کرتے کہ اس کائنات کے پیدا کرنے والے کو پانا چاہتا ہوں اور اس کی معرفت حاصل کرنے کی دل میں لگن ہے کہ وہ کیسی ذات ہے جب اس کی پیدا کی ہوئی چیزیں یہ سورج یہ چاند یہ ستارے یہ زمین و آسمان اس قدر جمادات و نباتات و حیوانات کی مخلوق کے ساتھ آباد ہیں تو جاننا چاہتا ہوں کہ ان سب کو پید ا کرنے والا کیسا ہو گا بچپن کے زمانہ ہی سے جب بزرگ دیکھتے کہ یہ بچہ کس طرح طالب حق ثابت ہو رہا ہے تو ظاہر ہے کہ وہ آپ کے حال پر اور زیادہ شفقت کرتے اور آپ کو شاباشی دیتے اور آپ کی ہمت بڑھاتے آپ نے اکثر خانوادہائے طریقت سے خلافت و اجازت اور اذکار و اشغال حاصل کیئے اور بچپن ہی سے اس قدر ریاضتیں اور مجاہدے اور محنتیں کرتے کہ حدِّ بیان سے باہر ہیں آپ کو بارگاہ حق میں وہ قبولیت حاصل تھی کہ اکثر اولیاء کرام اپنے فیوضات آپ کو عطا فرما دیتے اور آپ سے کوئی چیز چھپا کر نہ رکھتے اور بچپن ہی میں آپ کے مرتبہ کا یہ عالم تھا کہ بڑے بڑے بزرگ اپنی سفید داڑھیاں آپ کے قدموں پر رکھ دیتے حضرت سید مبارک جو شاہانہ اعزازات کے بھی حامل تھی اور بہت بڑے درویش بھی تھے آپ کے سجادہ نشین بننے کے بعد آپ کو دو انگلیوں سے سلام کرتے (شاہانہ سلام )دوسرے ملوک و امراء بھی بچپن ہی سے آپ کے قدموں پر سر رکھتے اور پابوسی کا شرف حاصل کرتے سید مبارک کے صاحبزادگان سید حامد وغیرہ اور ان کے والد بھی آپ کی بہت زیادہ عزت و تکریم کرتے اور ا ٓپ کی خدمت میں حاضر ہوتے اور عجیب بات تھی کہ حضرت والا جہاں ایک ماہ قیام فرماتے وہاں کے سب خاص و عام آپ پر جی جان سے فدا ہو جاتے سچ ہے جو حق تعالیٰ کا محبوب بن جائے تو مخلوق خدا اس کی گرویدہ ہو جاتی ہے اور یہ مقبولیت کی نعمت آپ کو خدا کے محبوب حضرت سلطان شاہ عالم قد سرہٗ سے حاصل ہوئی اور اس کا قصہ یوں ہوا کہ حضرت شاہ لطیف نے جوانی کے ابتدائی ایام میں چلہ کھینچا اور بلا ناغہ آپ نے دیکھا کہ حضرت قطب العالم مزار سے باہر آرام فرما رہے ہیں اور پورے حضور قلب سے ان کے مزار پر کھڑے ہوتے چلہ کی آخری رات آپ نے دیکھا کہ حضرت قطب العالم مزار سے باہر آرام فرما رہے ہیں آپ نے نہایت اشتیاق سے اپنا سر حضرت قطب العالم قدموں پر رکھ دیا آپ کے قریب حضرت شاہ عالم بھی کھڑے ہیں حضرت قطب العالم نے فرمایا لطیف محمد! تم ان کے حوالے ہو آپ کا اشارہ حضرت شاہ عالم کی جانب تھا آپ نے اپنا سر حضرت شاہ عالم کے قدموں پر رکھ دیا حضرت شاہ عالم نے فرمایا بابا جی ( حضرت قطب العالم)موجود ہیں۔حضرت قطب العالم نے فرمایا لطیف محمد کو میں تمہارے حوالہ کرتا ہوں اب تم ہی ان کے مددگار اور معاون بنے رہنا حضرت شاہ عالم نے اپنے والد ماجد کا یہ ارشاد بسرو چشم قبول کر لیا اس دن سے آپ کو اور زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی اور حضرت شاہ عالم کی شان محبوبیت آپ کے اندر بھی پیدا ہو گئی آپ اکثر اپنی زبان مبارک سے فرمایا کرتے تھے کہ جب سے حضرت شاہ عالم نے مجھے قبول فرمایا ہے میرا دل حضرت شاہ عالم کی طرف کھنچنے لگا اور میں ان کی محبت کا اسیر ہو کر رہ گیا ہوں اور ایک نئی عقیدت میرے دل میں پیدا ہو گئی جس کا اثر روز بروز اپنے اندر محسوس کر رہا ہوں اور ا سی رات سے حضرت شاہ عالم سے تعلق خاطر اور رابطۂ قلبی بہت شدید ور پر استوا ہو گیا ہے اللہ کا شکر و احسان ہے۔
روایت ؎ ایک روز نماز فجر کے بعد حضرت شاہ لطیف محمد قدس سرہٗ نے صبح کے وظائف کے دوران بطور شکر نعمت کے بعض حاضرین مجلس سے جن میں میاں سکندر خاں نور محمد اور بی بی زینب (جو خدا کی عاشق اور عارفہ تھیں )موجود تھے (ذہن میں انہی دونوں شخصوں کے نام یاد رہے )البتہ دوسرے خادم بھی اس وقت وہاں پر موجود تھے آپ نے یاد فرمایا کہ آج رات ہم نے خواب میں دیکھا کہ حضور سرور انبیاء ﷺ تشریف لائے ہیں اور بہت زیادہ شفقت و عنایت فرما رہے ہیں اور محبت و شفقت سے فرمایا کہ لطیف محمد! میں تجھے قطبیت عطا کرنے کے لیے آیا ہوں اور بہت زیادہ کرم کا مظاہرہ فرما رہے ہیں اور میں حضورﷺ کے قدموں پر اپنا سر رکھے ہوئے ہوں اور نہایت ذوق و شوق کے ساتھ اپنا چہرہ اور اپنی آنکھیں حضور کے قدمہائے مبارک سے لگا رہا ہوں۔آپ نے خاص کیفیت کے ساتھ یہ واقعہ بیان کیا اور اسی کیفیت میں تھے کہ سید السادات ابراہیم بھکری جو اس زمانہ کے بہت بڑے بزرگ اور وَلی اللہ تھے تشریف لے آئے اور اپنا سر شاہ لطیف محمد بخاری کے قدموں پر رکھ دیا اور فرمایا کہ میں آج رات وجد و شوق میں گھر سے نکل کر شہر کی گلیوں میں گھوم رہا تھا کہ اچانک کیا دیکھتا ہوں کہ ایک شخص جس نے نقاب اوڑھ رکھا تھا بڑی شان و شوکت کے ساتھ آ رہا ہے اس کو دیکھتے ہی میرا دل اس کی طرف کھنچنے لگا میں نے آگے بڑھ کر پوچھا اے شخص چہرۂ مبارک سے نقاب تو ہٹا ؤ تاکہ تمہارے جمال جہاں آرا ء کا دیدار کر سکوں اور تیرے چہرے کے نور سے اپنی آنکھیں جگمگا سکوں بہت زیادہ آرزو اور تمنا کے دیدار کے اِظہار کے بعد اُس نے چہرۂ مبارک سے نقاب اُلٹ دیا اور فرمایا میں محمدﷺ ہوں میں نے جب دیکھا اور مجھے معلوم ہوا کہ حضور سرور کائناتﷺ ہیں تومیں حضور کے قدموں پر گرپڑا اور اپنا سر اپنی آنکھیں اور اپنا چہرہ حضور کے قدمہائے مبارک منہ پر ملنے لگا اور درخواست کی کہ حضور میرے غریب خانہ پر تشریف لے چلیے فرمایا اِبراہیم ابھی تو ہمیں معاف رکھو اور جانے دو کہ ہم لطیف محمد کو قطبیت عطا فرمانے جا رہے ہیں دوبارہ کبھی تمہارے ہاں بھی آئیں گے جب میں نے حضور کا عزم دیکھا تو زیادہ اِصرار کرنا گستاخی سمجھا اور چارو ناچار صبر کر لیا۔ چنانچہ اب میں آپ کو قطبیت کی مبارکباد دینے آیا ہوں۔چونکہ حضرت پہلے یہ واقعہ سنا چکے تھے اور سید صاحب نے بھی بعینہٖ وہی بات دُہرائی تو آپ پر عجیب و غریب کیفیت اور وجد طاری ہو گیا حضرت نے بہت بہت خدا کا شکر ادا کیا اور حاضرینِ مجلس بھی شکرِ خدا میں مصروف ہو گئے۔اس عاجز کی عمر اس وقت گیارہ برس کی تھی اور جس وقت سید اِبراہیم بھکری نے اپنا سر آپ کے قدموں پر رکھا ہے، میں بھی اُس مجلس میں موجود تھا اور اُس چشم دید واقعہ کو دیکھے ہوئے اور اِس کتاب کو لکھنے کے درمیان چھپن یا ستاون برس کا عرصہ گذر چکا ہے اس وقت یہ عاجز (مؤ لفِ کتاب )کی عمر سڑسٹھ (۶۷)برس اور نو دِن کی ہے۔ یہ عمر تو پیدائش کے اِعتبار سے ہے اور اگر اِس حساب سے دیکھو کہ کتنا وقت یادِ الٰہی میں گذرا تو شاید ایک دن کی بھی عمر نہ ہو گی خدائے غفور و رحیم کی پناہ چاہتا ہوں اُس زندگی سے جو غفلت و بے کاری کی زِندگی اور بڑی عاجزی اور منت و زاری کے ساتھ اُس کی درگاہ میں جو سخیوں کا سخی اور سب سے بڑا رحم فرمانے والا ہے یہ آرزو کرتا ہوں کہ میرے چھوٹے اور بڑے گناہوں اور گذشتہ غفلت میں گذری ہوئی زِندگی کی لغزشوں کو اَپنے رحم و کرم اور لُطف و عِنایتِ خصوصی سے مُعاف فرما دے اور جو زِندگی باقی بچ گئی ہے وہ رضاء اِلٰہی میں بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اپنے مقبول اور محبوب بندوں کی درگاہ کے خاکساروں میں ہمارا بھی حشر فرمائے آمین،آمین،آمین،
------------------------------
یہ کتاب مناقب برہانی چودہ محرم الحرام ۱۱۵۴؁ہجری میں لکھی گئی
اس کتاب کا یہ نسخہ سید محمد نقی بن سید بایزید بن سید محمد امین بن سید عبد الطیف بخاری شاہی کے قلم سے تحریر ہوا
کتاب مناقب برہانی کا یہ نسخہ کتب خانہ آصفیہ حیدر آباد دکن کی لائبریری میں محفوظ ہے کتاب کا نمبر ۹۸؎ ہے
اور تذکرہ کے خانے میں موجود ہے۔
اس نسخہ کی نقل پیر محمد شاہ کی لائبریری کے لئے بیس (۲۰)محرم الحرام ۱۳۸۱؁ھ کو مکمل ہوئی
کاتب محمد قدرت رحیم

٭٭٭
تشکر: عبد الرازق خلیل الرحمٰن جن کے توسط سے فائل کا حصول ہوا
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مناقبِ برہانی