اردو شاعری و کلام

منزل و محمل

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (5,272 الفاظ)

منزل و محمل

م م تبسم کاشمیری

انتساب

نوجوانو کے نام جن کا۔
نہ ہاتھ باگ پر ہے نہ پا ہے رکاب میں
اور وہ دنوں کا سفر گھنٹوں میں طے کر کے ترقی اور خوشحالی کی
منزلیں سَر کر لینا چاہتے ہیں۔ اور پلٹ کر نہیں دیکھتے ۔
اور
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
کیونکہ ان کی سلامت روی اور حوصلہ مندی سے ملک و قوم کی
امیدیں وابستہ ہیں۔ یہ اپنی مسلسل جدوجہد سے یقیناً اپنے
تیز رفتار ہم عمر بھائیوں کو ہم خیال بنا کر ہم رکاب کر لیں گے ۔ اللہ
تعالیٰ بزرگ و بر تر کی نصرت ہمیشہ ان کے شاملِ حال رہے
ایں دعا از من د از جملہ جہاں آمیں باد
م۔م تبسم کاشمیری

تعارف

تبسم صاحب کے تعارف کے با ب میں مجھے قارئین کرام سے صرف یہ عرض کرنا ہے ۔ کہ وہ رگ گل سے بلبل کے پر باندھتے ہیں نہ ہی زلف کے ہالے میں رخسار کی چاندنی کے جویا۔ ان کی شاعری قومی اور معاشرتی تہذیب کا مقصد لئے ہوئے ہے ۔ وہ خارجی حالات کو داخلی احساس و تاثر کے رنگ و انداز میں پیش کرتے ہیں۔ یہ حقیقت ان کے پہلے مجموعہ کلام ""حال و خیال"" میں بھی جا بجا نظر آتی ہے ۔ اور اس کتاب ""منزل و محمل"" میں بھی۔ اس کے حصہ دوم کے مشمولات میں اب کے برس۔ چھ ستمبر۔ تیر بھی کوئی ہمارے پاس ہے تدبیر کا۔ اے قافلہ سالار۔ عراق امریکہ جنگ۔ شاکی ہے اک شخص۔ اور خسن و جمال تھی اول اول۔ ایسی غزلیں ہیں جن کے موضوعات ان کے اپنے مخصوص زاویۂ نظر کی نشاندہی کرتی ہے ۔ ذرا سی کاوش سے یہ بات سمجھ میں آ جاتی ہے کہ ان کی تڑپ اور کرب ذات سے بالا ہے وہ اجتماعی مستقبل کی تعمیر کے لئے حال کے خط و خال کو ترتیب اور سلیقہ یا اخلاق و اوصاف کی ہنر مندی کا حامل دیکھنا چاہتے ہیں۔ مثلاً
چوراہے میں جو پچھلے پہر قتل ہوا ہے
سب کہتے ہیں وہ شخص تو بندہ تھا خدا کا
وحشی تھی وہ انساں نہ تھا۔ جس نے اچانک
دھمکی بھی نہ دی چپکے سے کر ڈالا دھماکا
کتاب کے نام کی وجہ تسمیہ کے حوالے سے ذیل کے دو شعر پیش کروں گا۔ اور عرض کروں گا پڑھئے ۔ اور غور کیجئے ۔ اور مجھے اجازت دیجئے
قطرہ نہ پایا ساحل ساحل تشنہ لبی نے چلتے چلتے
بھوک نے مانگا دانہ دانہ خرمن خرمن دہقاں دہقاں
قیس نے چھانی منزل منزل بے لیلیٰ ہے محمل محمل
دشتِ جنوں کا گوشہ گوشہ وحشت دل کا ساماں ساماں
ایم۔ اے ۔ شاد
٭٭٭

عرضِ نیاز

برصغیر کی تاریخ میں انیس سو اڑتالیس کو بڑی اہمیت حاصل ہے ۔ قومی اور ملی اعتبار سے بھی۔ کہ یہ آزادی کا اولین اور اساسی سال تھا اور مسلمان قافلہ در قافلہ نقلِ مکانی کر کے بھارت سے نوزائیدہ مملکت خداداد پاکستان آ رہے تھے ۔ اور انفرادی اور ذاتی لحاظ سے بھی۔ کہ صحیح سالم اور بعافیت منزل پر پہنچ جانے کے بعد ہر شخص یا کنبہ کسی کوچہ شہر۔ قصبے یا قریے میں پناہ لے کر آباد ہو رہا تھا۔ رنگ۔ بولی۔ لباس اور خاندان یا برادری کے امتیازات بھول کر نئے ماحول اور معاشرے میں جذب ہو رہا تھا۔ از سرِ نو زندگی کی ابتدا کر رہا تھا
دگر از سر گرفتم قصہ زلف پریشاں را
ایک ہی بات وجہ سکوں تھی۔ کہ مسلماں کہیں کا ہو۔ مسلمان کا بھائی ہے ۔ اور ہم دشمنوں سے بچ کر اپنے بھائیوں کے پاس آ گئے ہیں۔ مگر وادیِ پر خار کے سفر کی کوفت نے اعصاب شل کر دئیے تھے ۔ اور صورت حال ایسی تھی۔ کہ کسی کو مستقبل کی طرف نظر اٹھا کر دیکھنے کی جرات نہ تھی۔ ماحول کو ساز گار بنانا تھا جانبین کی طرف سے کس طرح کے کردار و عمل کا مظاہرہ ہو
شکریہ پرسش احوال ترا عین کرم
وہ مگر درد جو دل میں ابھی پیدا ہی نہیں
ان دنوں جہاد کشمیر کا غلغلہ تھا۔ ہندو نے فرنگی سے ملی بھگت کر کے پاکستان سے اس کے الحاق کی راہ روک دی تھی۔ اور ریاستوں کے الحاق اصول و ضوابط کی صریح خلاف ورزی کی۔ شیح عبداللہ جیسے لوگوں کو فریب سے شیشے میں اتارا۔ اور وادی پر غاصبانہ قبضہ کر لیا۔ کشمیر کے عوام یہ ستم کب برداشت کر سکتے تھے ۔ وہ اٹھ کھڑے ہوئے ۔ اور پاکستان بھر میں کشمیر چلو کا نعرہ گونج اٹھا۔ پہاڑوں سے قبائلی افغانوں کا ایک سیل رواں اترا اور اس ہیبت و جلال سے آگے بڑھا کہ ہندو کے طمطراق اور سازوسامان کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے گیا۔ لیکن افسوس کہ جب مجاہدین جموں اور سرینگر کو روند ڈالنے والے تھے ۔ اور بھارت کی شرمناک شکست پر مہر لگنے والی تھی۔ وہ مکاری اور عیاری سے سلامتی کونسل کو درمیان میں لے آیا اور صلح نامے پر اتفاق کروا لیا جس کی کسی بھی شق پر عمل درآمد کے لئے آج تک آمادہ نہیں ہوا۔ نہتے کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم توڑ رہا ہے ۔ ٹس سے مس ہوتا ہے اور نہ عالمی رائے عامہ کی مذمت سے شرماتا ہے
کب تک نگہ غیر سے امید نوازش
تو شیر اگر ہے تو بپھر کیوں نہیں جاتا
مجاہدین کا لشکرِ جرار شہر کے مین بازار میں اڈا کی طرف سے داخل ہوا لوگ دیدہ و دل فرش راہ کئے دو رویہ کھڑے ہو گئے ۔ میں مشایعت کے لئے ساتھ چلا۔ فضا قدموں کی ٹاپ سے اور ہوا نعرۂ تکبیر کی ولولہ انگیز صداؤں سے معمور ہو گئی۔ تیراہ بہرام خاں سے مجاہدین کا رخ ٹانڈہ کی جانب ہوا تو میں رک گیا۔ میں نے دیکھا۔ جوش جذبہ جہاد سے ان کے چہرے سرخ تھے ۔ کپڑے خاک میں اَٹے ہوئے تھے ۔ اکثر کے پاؤں میں جوتا نہیں تھا۔ مگر آنکھوں میں عزم و حوصلہ کی چمک تھی۔ جس سے نظر خیرہ ہو کر رہ جاتی
ہیں مرد مجاہد کے بھی انداز نرالے
رفتار قیامت کی ہے اور پاؤں میں چھالے
اللہ تمھیں فتح دے خدا تمھارا حامی و ناصر ہو۔ اکثر نے دعا دی اور سب نے آمین کہا۔ مجاہدین وداع ہو گئے ۔ میں اس وقت دم بخود لشکر کو دور آگے بڑھتا ہوا مطب حسینیہ کے چوبی چبوترے پر کھڑا دیکھ رہا تھا۔ اور پس و پیش سے بے نیاز و بے خبر تھا۔ یکایک آواز آئی۔ اندر آ جائیے ۔ میں نے پلٹ کر دیکھا۔ اندر دو باریش بزرگ تشریف رکھتے تھے ۔ میں اسلام علیکم کہتے ہوئے آگے بڑھ کر بیٹھ گیا۔ اس وقت مطب میں کوئی مریض نہیں تھا۔ اور شاہ صاحب فارغ تھے ۔ مجھ سے مخاطب ہو کر فرمایا۔ تعارف کرائیے ۔ مگر مختصر نہیں۔ مکمل تعارف۔ میں نے عرض کیا۔ محمد مسعود میرا نام ہے ۔ اسی شہر میں پیدا ہوا۔ مگر اٹھارہ برس بعد واپس آیا ہوں اب تک پردیسی تھا۔ آج مہاجر ہوں مگر میری ہجرت کو وطن میں ماننے کے لئے کوئی بھی تیار نہیں حالانکہ اس سلسلہ میں تمام مصائب و آلام سے دو چار ہوا ہوں۔ ہمارا بھی حال آپ جیساہے ۔ شاہ صاحب نے فرمایا۔ ہم نے ترکِ وطن کیا۔ اور ہجرت بھی۔ مگر نہ مہاجر ہیں نہ مقامی۔ آپ کہاں سے تشریف لائے ہیں۔؟ میں دارالسلام عمر آباد سے آیا ہوں۔ یہ درس نظامی کی ایک اونچی اور بلند پایہ درسگاہ ہے ۔ بنگلور اور مدراس کے درمیان۔ ضلع نارتھ آرکاٹ جنوبی ہند میں۔ ہم امرتسر میں تھے ۔ ہم تین بھائی ہیں۔ وہاں بھی طبابت کرتا تھا۔ آپ ہندوستان کے بالکل دوسری طرف چلے گئے ۔ اس کی کوئی خاص وجہ ہے ۔ دار العلوم اور درسگاہیں تو ادھر بھی ہر بڑے شہر میں موجود تھیں۔ میں نے دار الحدیث باڑہ ہندو راؤ دہلی سے تعلیم کا آغاز کیا۔ یہ اتفاق تھا کہ عبدالباقی اعظمی میرے ہمدرس دوست نے دارالسلام کے لئے رخت سفر جمع کیا اور باندھا تو میں بھی ساتھ ہو لیا۔ اس لئے ہمدمیِ دوست بھی عزیز تھی۔ اور وہاں ادب اور معقولات کے اساتذہ کے سبب درسگاہ کا بھی بڑا شہرہ تھا۔
تعارف کے بعد شاہ صاحب نے اصرار کیا۔ کہ میں مطب میں حاضری دیا کروں۔ پھر یہ حاضری میرا معمول بن گئی۔ اور مطب شہر کا حلقہ دانشوراں۔ خواجہ اللہ دتہ گوہر۔منظر بجنوری۔ مفتوں مراد آبادی۔ اور غلام مصطفیٰ طالب جیسے شعرائے کرام اور سید نظر حسین شاہ (شاہ صاحب کے برادرِ صغیر)۔ شیخ غلام حسین ریلوے گارڈ (ریٹائرڈ)۔ اور مولوی نظیرالحق میرٹھی جیسے اہلِ علم اصحاب اس حلقہ دانشوراں سے وابستہ ہو گئے ۔ مذہب۔ اقبالیات۔ اور علم و ادب کے ہر موضوع پر سیر حاصل گفتگو اور بحث ہوتی۔ مولانا میرٹھی کی سر پرستی میں مجلسِ علم و ادب کی داغ بیل ڈالی گئی۔ جس کے زیر اہتمام ہر جمعتہ المبارک کو شہری سطح پر خصوصی اور ادبی اجلاس منعقد ہوتا۔ اجلاس کے لئے مقالات و مضامین کے موضوعات اور عنوان اور مشاعرے کے لئے مصرعہ طرح کا انتخاب اور تعیین ہوتا اس طرح مطب کو ہر نوجوان نگار یا شاعر کے لئے گہوارہ علم و حکمت اور ادبگاہ کی حیثیت حاصل رہی۔ اور وہ تربیت پا کر پروان چڑھتے رہے
ٹھہرا گیا ہے لا کے جو منزل میں عشق کی
رہبر تھا راہزن تھا نہ جانے وہ کون تھا
زیر دست کتاب کے دو حصے ہیں۔ حصہ اول میں غزلیں ہیں۔ جو بر وقت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے !!!حال و خیال!!! میں شامل نہ ہو سکیں۔ اور حصہ دوم میں وہ کلام ہے ۔ جو ملک میں وقتاً فوقتاً رونما ہونے والے حالات کے زیر اثر یا کسی اور تقریبی داعیے کی وجہ سے کہا گیا۔ اس مجموعۂ کلام کا نام "منزل و محمل" رکھا ہے میں چاہتا ہوں۔ میرے ہموطن بالخصوص نوجوان اس احساس سے بہرہ ور ہوں کہ جہاں تھک کر محمل اتار دیا جاتا ہے ۔ وہی جگہ منزل نہیں ہوتی۔ اور منزلِ مقصود تک پہنچنا اور محمل کو پہنچانا ہمارا ذاتی فرض اور قومی حمیت اور اجتماعی غیرت کی دلیل ہے ۔ ہم بفضلہ مسلمان ہیں اور پاکستانی بھی۔ ہم نے اسلام کو فرقہ وارانہ تو جیہات اور تشریحات میں گم اور محدود پایا ہے ۔ حالانکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے ۔ اور یہ سوچ اور فکر بھی جس سے اندازہ ہو سکے کہ سیاسی اعتبار سے جمہوریت کی جو نئی تعبیریں سامنے آ رہی ہیں۔ ان کے پس منظر میں جذبات کا کتنا خلوص کار فرما ہے ۔ اور کتنی ذاتی منفعت یا خواہشِ اقتدار۔ محمل کو منزل تک لے جانے والوں کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہیئے ۔ جو ذہن دینی مسائل کی اصل شکل و صورت بدل سکتا ہے ۔ اسے جمہوریت کے خط و خال بدلنے میں کیا پس و پیش یا تردد ہو سکتا ہے ۔ جو انقلاب عالمی سطح پر رونما ہو چکا ہے ۔ اور جس مستقبل کی منصوبہ بندی میں استعماری طاقتیں ابھی سے مصروف ہیں۔ ہمیں ان کا بہر حال مقابلہ کرنا پڑے گا اور اقوامِ عالم میں اپنا مقام پیدا کرنا اور اپنے امتیاز اور تشخص کو ابھارنا اور پھر باقی رکھنا ہمارا قومی اور ملی فریضہ ہے
کتاب کی ترتیب و تسوید کے باب میں میری خواہش سے زیادہ احباب کے اصرار کو دخل حاصل رہا ہے ۔ بالخصوص ایم۔اے ۔شاد کے جبرو اصرار کو ۔ انہوں نے مجھے مسلسل بے چین رکھا۔ اور مہمیز کرتے رہے ۔
رحم آیا دوستوں کو میری پا شکستگی پر
تھاما جو ہاتھ میرا منزل پہ لا کے چھوڑا
م۔م۔تبسم کاشمیری
٭٭٭

یہ جھوٹ ہے وہ کچھ بھی تمھارے نہیں ہوتے
ہر ایک سے دزدیدہ اشارے نہیں ہوتے

ہم اور تیرے راز کی تشہیر کریں گے کم ظرف غمِ عشق کے مارے نہیں ہوتے

امید بر آئے یہ ضروری تو نہیں ہے پھر کیا ہے اگر آپ ہمارے نہیں ہوتے

کیا جانیں تھپیڑوں سے پناہ مانگنے والے دریائے محبت کے کنارے نہیں ہوتے

آ گردشِ حالات پہ دو اشک بہا لیں
تم میرے ۔ وہ محبوب تمھارے نہیں ہوتے

دمساز شبِ ہستیِ موہوم کا ڈھونڈو ڈوبیں جو سرِ شام ستارے نہیں ہوتے

کیا فائدہ غیروں کی شکایت سے تبسم
جب اپنے ہی جذبات ہمارے نہیں ہوتے
٭٭٭

کبھی جو روکا ہے دشوار مرحلوں نے مجھے
صدائیں دے کے بلایا ہے منزلوں نے مجھے

کسی خرابے میں جب رہبروں نے چھوڑ دیا
نشانِ راہ دکھایا ہے رہزنوں نے مجھے

اسی لئے میں رہا کامیاب دنیا میں بڑے فریب سے لوٹا ہے دشمنوں نے مجھے

میں مشکلات سے نکلا ہوں گو کہ مشکل سے
سہولتوں نے ملایا ہے مشکلوں نے مجھے

میرے خلوص نے یہ معجزہ دکھایا ہے
گلے سے بڑھ کے لگایا ہے دشمنوں نے مجھے

عدُو نے نہر پہ پہرے بٹھا دئے جب بھی
فلک سے پانی پلایا ہے بادلوں نے مجھے

لبوں پہ اپنے تبسم چھپائے رکھتا ہوں
سبق دیا ہے میرے دل کی دھڑکنوں نے مجھے

٭ ٭ ٭

قطعہ

زخم بھرتا ہے چاک سِلتا ہے
غنچۂ دل خوشی سے کھلتا ہے
دشمنوں کے ہجوم میں اے دوست
جب کوئی مہربان ملتا ہے
٭٭٭

سکھایا نہیں پیار کرنا کسی نے نہ کھیلو کے جذبات ہیں آبگینے

بنو درد کا درد مندوں کے درماں اگر دل دیا ہے جہاں آفریں نے

خُدا مہرباں مجھ پہ۔ بندے ہیں دشمن
بہت کچھ دیا ہے مجھے بندگی نے

نظر آ گیا اس کا نقشِ کفِ پا تو جھک کر اُٹھایا ہے لوحِ جبیں نے

اگر راز داں ہے عداوت پہ مائل
غزل لے لے ۔ جانِ غزل تو نہ چھینے

زمانے میں لوگوں کو آئے نہ یا رب جفا کے طریقے وفا کے قرینے

جلایا ہے کس نے مرا گھر نہ پوچھو بھروسہ کیا تھا کسی پر ہمیں نے

بیاں میرا سن کر گواہوں کو اس کے ندامت سے آنے لگے تھے پسینے

تبسم ہے بے بس وہاں ناخدا بھی بھنور میں جہاں ساتھ چھوڑیں سفینے ٭٭٭

خیمہ گاہ سبطِ نبی

خیمہ گاہ سبطِ نبی کی تھی مقامِ کربلا
اس لئے وردِ زباں ہے سب کو نامِ کربلا

تشنہ کامانِ محبت اپنے رب سے جا ملے
دشمنوں کو دام میں لایا ہے دامِ کربلا

زندۂ جاوید ہوتے ہیں شھیدانِ وفا آ رہا ہے دمبدم اُن پر سلامِ کربلا

مشہد و مقتل کو کر دو پھر لہو سے سرخرو
اے عزادارو یہی ہے بس پیامِ کربلا

آج بھی موجود ہیں ہم میں حسین ابنِ علی
صبحِ تو کا دے رہی ہے مژدہ شامِ کربلا

پھُوٹ نکلا تھا سویرا جو شبِ عاشور سے
در حقیقت ہے وہی صبحِ دوامِ کربلا

کیوں کیا تھا بند پانی فاطمہ کے لال پر
علقمہ اب بھی ہے برہم۔ ہمکلامِ کربلا

ایکا لمحہ لے گیا تھا جنت الفردوس میں
حُر کی توبہ اور صداقت کا بنامِ کربلا

روز آتی ہے مدینے سے نسیمِ خوش خرام
رُو کشِ جنت ہوئی ہے صبح و شامِ کربلا

اُسوۂ شبیر پر چل کر تبسم جان دو
مانتے ہو۔ ہے امام اپنا امامِ کربلا
٭٭٭

فرد
صدائیں آج بھی دیتی ہے کربلا کی زمین
مگر اب زمانے میں کوئی بھی حسین نہیں
٭٭٭

شانِ محمد

مخلوق سے کیا ہو گی بیاں شانِ محمد خُود خالقِ بر حق ہے ثنا خوانِ محمد

یہ راز عیاں ہوتا ہے تخلیقِ بشر سے بَر تر ہیں ملائک سے غلامانِ محمد

چاہیں تو وہ دھتکار بھی دیں شاہوں کو در سے
وو طنطنہ رکھتے ہیں گدایانِ محمد

اظہارِ محبت کا اک انداز ہے یہ بھی جبریلِ امیں بن گئے دربانِ محمد

ہیں حلقہ بگوش اُن کے جمادات و نباتات اور شمس و قمر تابعِ فرمانِ محمد

اَللہ کی رحمت تو ہے اَللہ کی رحمت فیضانِ محمد بھی ہے فیضانِ محمد

پھیلی ہوئی خوشبو میں کمی آ نہیں سکتی شاداب ہے تا حشر گلستانِ محمد

سنتے نہیں جو ذوقِ سماعت سے ہیں محروم ہے نغمہ سرا بلبلِ بستانِ محمد

خوش بخت ہیں وہ آج بھی جو دہر سے کٹ کر ہَر آن ہیں شرمندۂ اِحسانِ محمد

دنیا ہو کہ عقبے ٰ ہو نہیں خوف تبسم
جب تک کہ ہیں وابستۂ دامانِ محمد
٭٭٭

قطعہ

ہے یاد جسے آج بھی فرمانِ محمد
حاصل ہے اُسے شفقتِ دامانِ محمد
بخشش اُسے لے لیگی قیامت کو پناہ میں
اللہ پہ ایمان ہے ایمانِ محمد
٭٭٭

قطعہ

غم و آلام میں امداد فرما
ہجومِ یاس سے آزاد فرما
چلے راہ پر تری تجھ سے ڈرے
عطا ایسی مجھے اولاد فرما ٭٭٭

توفیقِ کارِ خیر

توفیقِ کارِ خیر اگر ذوالجلال دے بندہ حریم دل سے سبھی بت نکال دے

ذوقِ نظر مجھے ۔ اُسے حُسن و جمال دے
پائے طلب کو جادۂ منزل پہ ڈال دے

مرکز پہ اپنی تاکہ نگاہیں جمی رہیں
وہ بے نیاز مَہر خُوں کو خَد و حال دے

مجھ میں کہاں یہ تاب لبِ شکوہ وا کروں
وہ درد دے دوا دے ۔ جو دے حسبِ حال دے

وہ سر خوشی نہ دے کہ نہ بھولوں کبھی اُسے
تڑپا کروں فراق میں غم دے ملال دے

اے عشق اِس قدر بھی وہ نا مہرباں نہیں
جاں نذر کرنے جائیں تو ہنسکر وہ ٹال دے

اُس کے بدن کے باغ پر فطرت بہار لائے
ہر ہر ادا کو نُور کے سانچے میں ڈھال دے

جانے خدا خلوص ہے دل میں یا چھیڑ چھاڑ
جب دور سے وہ گذرے تو بوسے اُچھال دے

میرے خدا سے اے شبِ ہجراں کبھی کہو تنہائیوں میں اُس کو بھی میر خیال دے

میری غزل سے جاگے تبسم جہانِ نَو میری اذاں کو سوزوگدازِ بلال دے ٭٭٭

ہر شب سوال کرتے ہیں یہ کہکشاں سے ہم
بھٹکے ہوئے ہیں دشت میں کس کارواں سے ہم

ٹھہرا جہاں ہے قافلۂ حُسن و آگہی اپنا پتہ بھی پائیں کے شاید وہاں سے ہم

یہ مسئلہ فنا و بقا کا نہ حل ہوا تنگ آ گئے ہیں کشمکشِ دو جہاں سے ہم

صحنِ چمن نہ ساقیِ مہوش نہ میکدہ رنگینیاں بہار کی لائیں کہاں سے ہم

بستر پہ ہم نہیں تھے زمیں پر شب فراق تاروں کے ساتھ ڈوب گئے آسماں سے ہم

یاروں نے خامشی پہ اُڑایا ہے وہ مذاق
رُسوا ہوئے ہیں اور بھی ضبطِ فغاں سے ہم

باقی ہے کیوں تبسم خستہ کا آشیاں
اب کے ضرور پوچھیں گے برقِ تپاں سے ہم
٭٭٭

جس کو مذاق لذتِ ضبطِ فغاں نہیں افسوس کیا وہ واقفِ دردِ نہاں نہیں

عشاق جس جگہ ہیں جہاں میں بسے ہوئے
جنگل نہیں۔ وہ شہر نہیں۔ گلستاں نہیں

ہر لب ہے شکوہ سنج زمانہ۔ مرے خدا
غمخانۂ جہاں میں کوئی شادماں نہیں

اُلجھے ہوئے ہیں شعر بھی جذبات کی طرح
اہلِ زباں کے لب پہ بھی ان کا بیاں نہیں

کیونکر لکھے گا کوئی مرے دلکی داستاں
جلتا ہے ایسی آگ میں جسکا دھُواں نہیں

ظاہر میں ہے لبوں پہ تبسم بسا ہوا
لیکن خوشی کا مطلقاً وہم و گماں نہیں
٭٭٭

قطعہ

بے وجہ کبھی کسی سے کسد نہ کرے
انسان ہے وہ جو کبھی حسد نہ کرے
ہر بات میں اللہ پہ بھروسہ کر کے
ممکن ہو اگر کسی کی بات رد نہ کرے
٭٭٭

خار ہی خار ہیں بکھرے ہوئے گلزاروں میں
پھول کھلتے ہیں تو بک جاتے ہیں بازاروں میں

خیر ہی خیر ہے یہ دردِ محبت۔ لیکن
لوگ گنتے ہیں مجھے تیرے گنہگاروں میں

آج بھی جنسِ محبت ہے گراں کل کی طرح
ہاں مگر بکتی ہے بے مول بھی درباروں میں

عشق میں سایۂ دیوار سے بڑھنے والے
چن دئے جاتے ہیں اُٹھتی ہوئی دیواروں میں

خود تجھے کیا نہیں معلوم۔ یہ مجھ سے مت پوچھ
لوگ ہیں کیسے ترے حاشیہ برداروں میں

اہلِ محفل ہی اَمیں ہوں نہ اگر محفل کے
راز کی بات چلی جائے گی اخباروں میں

صورتِ حال پہ کچھ پیرِ مغاں غور کریں
بد ظنی بڑھتی چلی جاتی ہے میخواروں میں

تیری بیداد و جفا عین کرم ہے لیکن
جانے کیا ڈھونڈ رہا ہے تُو وفاداروں میں

یاد کے آئنہ خانوں سے میں جب بھی گزرا
تیری تصویر ہی ممتاز تھی شاہکاروں میں

دلبری پر تو گزارا ہے تبسم مشکل
کچھ تو دلداری بھی ہو آج کے دلداروں میں ٭٭٭

آرزو جب تیری حسرت سے بدل جائے گی
مشکل آسانی کے ڈھانچے میں بھی ڈل جائے گی

عالمِ یاس میں گھبرانے سے کیا حاصل ہے
زندگی ایک مصیبت ہے تو ٹل جائے گی

جل گیا ہے کوئی پروانہ تو افسوس نہ کر
شمع بھی سوزشِ پنہانی سے جل جائے گی

آج کل سنتا ہوں۔ ہوتا ہے رقیبوں پہ عتاب
اِس طرح کیا میری تقدیر بدل جائے گی

حُسن پتھر ہے تو کم عشق کی گرمی بھی نہیں
اُس کی ہٹ موم کی مانند پگھل جائے گی

دیکھنا اپنی وفا ہے تو یہ نفرت کی خلش
اُس کے سینے سے بتدریج نکل جائے گی

آج حیران ہیں احباب تبسم اِس پر
اُس کو اصرار ہے وہ سُن کے غزل جائے گی
٭٭٭

جتنی آزاد ہیں بے باک ہیں اِنسانوں کی
اِتنی بے باک نہیں نیتیں حیوانوں کی

روشنی دیکھی ہے شہروں کی شبستانوں کی
اِن سے پیاری ہے شبِ ماہ بیابانوں کی

دل ہلا دیتی ہے تہذیب کے ماتھے کی شکن
خار بن جاتی ہیں کلیاں بھی گلستانوں کی

اضطراب اور بڑھاتا ہے ہجومِ یاراں
اور سکوں دیتی ہیں تنہائیاں ویرانوں کی

لذتِ درد سے خالی ہیں دلوں کے گوشے کون لیتا ہے خبر سوختہ سامانوں کی

جن میں ہے ساغرو مینا وہی نازک سے ہاتھ
اِینٹ سے اِینٹ بجا دیتے ہیں میخانوں کی

عقل کے نام پہ کوئی نہ سردار آیا یہ وہ منزل ہے جو پامال ہے دیوانوں کی

ذوق اَرزاں ہے تو کچھ تبسم اِرشاد
آپ بھی بیٹھے ہیں مجلس میں غزلخوانوں کی
٭٭٭

کس کی نگاہ فتنہ اثر کام کر گئی دنیائے چار سُو ہی نظر سے اُتر گئی

نظارۂ جمال نے بے خود سا کر دیا احساس پر تو ایک قیامت گذر گئی

چونکے تو اک خلا تھا نگاہوں کے سامنے ہمراہ شہسوار کے گردِ سفر گئی

اے دل یقین ہے کہ وہ ہوں گے اسی طرف شب جس طرف گئی تھی اُسی رُخ سحر گئی

سودائے ہوشیار ہی بھٹکا نہیں یہاں عقلِ جنوں نواز بھی تو بے خبر گئی

ہمت کو تازیانہ ہے محرومیِ وصال افسوس کیا ہے آہ اگر بے اثر گئی

عشق اور احتراز غمِ روزگار سے ؟
یہ زلف تو نہیں کہ سنوارا سنور گئی

ہستی کے معرکے میں تبسم بھی فرد ہے
خود کیا مٹا کہ حسرتِ حرماں بھی مر گئی
٭٭٭

سجدوں سے گِھس چکا ہوں ترے سنگِ در کو میں
پھر بھی دعا میں مانگ رہا ہوں اثر کو میں

عرضِ نیاز شوق ہے اور پائے یار ہے
وہ خود بھی حکم دے تو اٹھاؤں نہ سر کو میں

گو منزلِ جنوں سے بھی آگے نکل گیا
طے کر رہا ہوں پھر بھی ابھی رہگزر کو میں

صبحِ ازل کہاں ہے وہ نظارۂ جمال بھولا نہیں ہوں لطف کی پہلی نظر کو میں

دنیائے مستعار پسند آ گئی مجھے بیٹھا ہوا ہوں کھول کے رختِ سفر کو میں

کچھ صورتیں نگاہوں میں ایسی سما گئیں
گم کر چکا ہوں سرمہء نورِ بصر کو میں

گلشن ترا۔ گلوں میں تبسم بھی ہے ترا
میں کیا ہوں؟ پاؤں کس طرح اپنی خبر کو میں
٭٭٭

دل کے جذبات کی تفسیر سے ڈر جاتا ہوں
انجمن والوں کی تعزیر سے ڈر جاتا ہوں

بات کرنے کا کبھی اس سے جو آتا ہے خیال
اے محبت تری تعبیر سے ڈر جاتا ہوں

میری تدبیر کو اقدام کی جرأت کیا ہو
میں تو بے مہریِ تقدیر سے ڈر جاتا ہوں

میرے احباب کے بارے میں نہ پوچھو مجھ سے
وہ تو وہ اُن کی بھی تصویر سے ڈر جاتا ہوں

خرقہ پوشوں کے شب و روز سے واقف ہوں میں
ان کے اسرار کی تشہیر سے ڈر جاتا ہوں

رہنماؤں میں قیادت کے ہیں جوہر مفقود
اسلئیے قوم کی تعمیر سے ڈر جاتا ہوں

روبرو اُن کے تبسم نہیں آتا لب پر
اُن کے فرمان کی تحقیر سے ڈر جاتا ہوں
٭٭٭

اب کے بھی اُن سے عرضِ تمنا نہ کر سکے جذبات کی طہارتیں رسوا نہ کر سکے

بکھری پڑی تھیں دل سے زباں تک شکایتیں
جب رُوبُرو وہ آئے تو یکجا نہ کر سکے

ہر بار احتیاط نے دامن پکڑ لیا بے خوف ہو کے اُن کا تماشا نہ کر سکے

پہلے پہل وہ سرسری سی نظر ِالتفات کیا کہہ گئی کہ ترکِ تمنا نہ کر سکے

تکمیل آشیاں نہ ہوئی ہم سے یا وہی اپنی نظر میں بجلیاں پیدا نہ کر سکے

یہ دردِ زندگی بھی کوئی لا دوا نہیں خود وہ اگر علاج مسیحا نہ کر سکے

سونپی ہے ہم نے دل کو تبسم زمامِ کار
ممکن ہے کوئی کام یہ دیوانہ کر سکے
٭٭٭

اخلاق کے تو آپ حوالے نہ دیجئے محفل میں سب غلام ہیں بیداد کیجئے

ہم ہیں متاعِ زینتِ بزمِ سخن اگر
جس جا پڑے ہیں ہم۔ ہمیں برداشت کیجئے

مقصود ہے گذارشِ احوالِ واقعی منظور اگر نہیں تو عنایت نہ کیجئے

تسلیم یہ کہ آپ کی ہر بات ہے سند مجھ کو بھی بولنے کی اجازت تو دیجئے

نخوت ملا کے مے میں جو ساقی پلائے گا بہتر ہزرا بار ہے بھر زہر پیجئے

تحریک کو تو چاہیئے ارکان کا خلوص جذبات کی جراحتِ بے جا نہ کیجئے

تطہیر ہو رہی ہے تبسم تو آپ بھی رازِ درونِ پردہ کو افشا نہ کیجئے ٭٭٭

اس طرح آج میری اُس نے پذیرائی کی مجھ کو افسوس ہوا کس سے شناسائی کی

لے کے ٹھہرا ہے کہاں مجھ کو میرا ذوقِ جنوں
کون تھا جس کے لئے بادیہ پیمائی کی

شہر میں چاروں طرف ایک بسا ہے جنگل لوگ ہوتے تو خبر لیتے بھی سودائی کی

دل ابھی تک میرے سینے میں دھڑکتا کیوں ہے
اس پہ گذری ہے قیامت شب تنہائی کی

مجھ کو کچھ یاد نہیں کون ملا تھا مجھ کو
کون سی دل کو ادا بھائی تھی ہرجائی کی

میں گنہگار ہوں کیوں اس کو سزا دیتے ہو
مجھ کو اُمید تھی قاتل سے مسیحائی کی

تو کبھی دیکھ شبستاں سے نکل کر اپنے رات کس طرح بسر ہوتی ہے صحرائی کی

خود فریبی میں بھی لذت ہے تبسم کیسی
داد بھی اس سے جو بنیاد ہے رسوائی کی
٭٭٭

منظر گلزارِ ہستی خار ہے تیرے بغیر رونق بزم جہاں آزار ہے تیرے بغیر

کھویا کھویا اور معطل سا ہے نظمِ شش جہات
سہمی سہمی وقت کی رفتار ہے تیرے بغیر

بزمِ امکانِ جہاں کو اجنبی پاتا ہوں میں
ساری دنیا محفلِ اغیار ہے تیرے بغیر

جستجو و ذوق تک تھی شوق کی سب ترک و تاز
ہستی بے مدعا بے کار ہے تیرے بغیر

کس قدر جاں بخش تھا میرے لئے تیرا خیال
کس قدر دل کے لئے آزار ہے تیرے بغیر

وصل۔فرقت۔سَر خوشی۔غم کس کا میں سودا کروں
زندگی بے زارِ کاروبار ہے تیرے بغیر

اک تبسم ہی نہیں ہونٹوں کی صحبت سے نفُور
اشکِ بے مایہ دُرِ شہوار ہے تیرے بغیر
٭٭٭

نسیم صبح گاہی آ چلیں صحن گلستاں میں
بہارِ گل۔ ابھی فرصت ہے بھر لیں جیب و داماں میں

زمانہ آ رہا ہے جب نظر پتھرا گئی ہو گی
نہ جانے ہم کہاں ہوں گے چمن میں یا کہ زنداں میں

گلوں میں ڈھونڈنے والوں نے بُو تیری نہیں پائی
نظر آتا ہے تو مجھ کو مگر خارِ مغیلاں میں

حقیقت ایک ہے کردار دو۔ اے انجمن والو
لگی پروانے کے دل کی جلی شمع شبستاں میں

خدا کے واسطے چھوڑو نہیں اب مان بھی جاؤ
تمہاری ہاں سے ہو جائے گا داخل کفر ایماں میں

تری زلفِ رَسَا کی طرح نگہِ شوق تشنہ تھی
یہ دونوں مل کے اُتری ہیں ترے چاہِ زنخداں میں

بہت ممکن ہے میخواروں سے کوئی کر لے توبہ بھی
تبسم اس لئے جاتا ہے اکثر بزمِ رِنداں میں
٭٭٭

جب تیز ہواؤں کی چراغوں سے ٹھنی ہے
اَے صحنِ چمن۔ چادرِ ظلمات تنی ہے

جو پھول چراغوں کی طرح جل نہیں سکتے
گلشن میں سمجھتے ہیں غریبُ الوطنی ہے

جیسے کہ ہو جنگل بھی گلستاں کا شناسا
یوں کاکُلِ سنبل میں پھنسی ناگ پھنی ہے

گل کو نہیں احساسِ غمِ بُلبلِ نالاں بجلی کی اگر شاخِ نشیمن سے ٹھنی ہے

اَے باغِ وطن۔ بُوئے وطن ڈھونڈ رہا ہوں
تسلیم۔ درختوں کی تیرے چھاؤں گھنی ہے

اللہ رے ۔ سیرتِ اربابِ سیاست
دشمن ہیں وہی جن سے کبھی گاڑھی چھنی ہے

دل چیر کے رکھ دوں تو نہ مانے وہ تبسم
ناصح کی کبھی شاعرِ مخلص سے بنی ہے
٭٭٭

جان پر کھیل کر ہم وعدہ شکن تک پہنچے
اس کے احسان سے پھر دارورسن تک پہنچے

زندگی موجِ ہوا ہے کہ چلے تو نہ رُکے
لالہ زاروں سے گذرتی ہوئی بَن تک پہنچے

روز بن جاتی ہیں اس ضد میں نئی دیواریں
نالہ بھی اہل قفس کا نہ چمن تک پہنچے

بات اُس چہرے کی محفل میں اگر چھڑ جائے
چاند تاروں سے چلے اور چمن تک پہنچے

اب مسرت کے تصور سے بھی جی ڈرتا ہے ہم بھی کس مرحلۂ رنج و محن تک پہنچے

جان سے جاتے ہیں ہم راہِ وفا پر چل کر
یہ مگر بات نہ اُس غنچہ دہن تک پہنچے

برق کی زد پر تبسم ہیں سیاہ بخت ہمِیں
حوصلہ ہے تو ذرا گورے بدن تک پہنچے
٭٭٭

کبھی جو ملتے تھے ہم سے بغیر قدغن کے وہ مہرباں ہوئے آج دوست دشمن کے

رُکی جو سامنے آ بیٹھے گردشِ ساغر تمہاری بزم سے اٹھے تو قہقہے کھنکے

ہمیں نہ سمجھے عداوت ہے کیا۔ محبت کیا
وگرنہ ظلم وہ کرنے کبھی نہ مَن مَن کے

ہم اضطراب میں خطرات کی طرف ہی بڑھے
اِشارے ہم نہ سمجھ پائے دل کی دھڑکن کے

گھٹَا میں چاند۔ سیاہ بال اس کے چہرے پر
ضیائیں پھیلی ہوئی تھیں فضا میں چَھن چَھن کے

وہی سماں ہو تو ممکن ہے اُس کو یاد آئیں
ہوئے تھے ہم میں جو قول و قرار بچپن کے

بس اتنا کہتے ہیں جاتے ہوئے خیال رہے
تمہاری بزم میں ہیں لوگ جمع فن فن کے

نظر بچا کے گذر جاتے ہیں اصیل و نسیب
رذیل پھرتے ہیں گردن اٹھائے تن تن کے

لٹائی جن کے لئے سب متاع دل ہم نے
وہ سارے نکلے تبسم گوپال ٹھن ٹھن کے
٭٭٭

رازِ پنہاں دل بہ دل سینہ بسینہ آ گیا
اب محبت کا ہمیں بھی سب قرینہ آ گیا

ہم نے دیکھا آگ اور پانی گلے ملنے لگے
جب تیرے گلرنگ گالوں پر پسینہ آ گیا

گھات میں ہر وقت رہتا ہے رقیبِ فتنہ جُو
بات تک کرنے نہ پائے ہم۔ کمینہ آ گیا

زندگی میں بارہا ایسا ہوا ہے اتفاق جب توقع اُس کے ملنے کی رہی نہ آ گیا

یاد ہے آواز دی تھی اُس نے ساحل سے مجھے
پھر خدا جانے بھنور میں کب سفینہ آ گیا

ہائے جس کو تھا مرا محبوب بننے کا جنوں
زندگی بھر میں نے اُس طرح دی نہ آ گیا

جاں لبوں پر تھی تبسم۔ تازہ دم ہم ہو گئے
روح پرور اک صدا آئی مدینہ آ گیا
٭٭٭

لمحے کسی کی یاد کے آنسو بنا دئے طوفاں میں حسرتوں کے سفینے بہا دئے

دیکھے نہ کوئی یاد میں آئے ہوئے اُنہیں
ہم نے چراغ اے شبِ ہجراں بجھا دئے

یعنی شبِ فراق گذاری ہے اس طرح
خود جاگے ۔ دے کے تھپکیاں ارماں سلا دئے

منظر کوئی نگاہ میں آیا تو کیا کہیں؟
بے چارگی سے کس طرح ہم تلملا دئے

مجھ کو تو خیر بھول کے ہی ہوں گے دن بسر
کیا واقعات سارے کے سارے بھلا دئے

ہمراز نے ہمارے ہی کل بزمِ غیر میں سب واقعات نام بدل کر سنا دئے

اِس زندگی میں تم پہ کوئی حرف آ نہ جائے
تم نے جو خط لکھے تھے وہ سارے جلا دئے

احباب کی تسلیِ خاطر کے واسطے ان کے ہر اک سوال پر ہم مسکرا دئے

کس نے نظر ملا کے تبسم بروزِ عید
کھڑکی کے پردے ہاتھ بڑھا کر گرا دئے
٭٭٭

کسی کے ہاتھ میں مینا ہے کوئی جام لیتا ہے
کوئی آنے کا میخانے میں بس الزام لیتا ہے

خراباتِ مغاں میں آج کل رشوت بھی چلتی ہے
اُسے ملتی ہے جس سے چھپ کے ساقی دام لیتا ہے

تعجب ہے کہ جس کے ہوش اڑ جاتے ہیں۔ کہتا ہے
جہاں میں زندگی کا لطف مے آشام لیتا ہے

ہوس نے پارہ پارہ کر دیا ہے جس کے دامن کو
سرِمحفل تمہارا نام وہ بدنام لیتا ہے

وہ جس نے خواہشِ بے جا کو ذوقِ عشق سمجھا ہے
وہ پاگل ہر کسی کا بڑھ کے دامن تھام لیتا ہے

محبت میں جو پختہ کار ہیں خاموش رہتے ہیں
مگر ہر خام دعوے سے تمہارا نام لیتا ہے

اُسے اہلِ خرد کی بزم میں آنے کا کیا حق ہے
جو نُورِ صبح کے بدلے سَوادِ شام لیتا ہے

تبسم جس سے اُمیدِ وفا تھی وہ بُتِ کافر
محبت سے عداوت اور جفا کا کام لیتا ہے
٭٭٭

٭٭٭
ماخذ:
http://hannantahir.blogspot.in/search/label/%D9%85%DB%94%D9%85%20%D8%AA%D8%A8%D8%B3%D9%85%20%DA%A9%D8%A7%D8%B4%D9%85%DB%8C%D8%B1%DB%8C
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

منزل و محمل