موت جدائی گاتی ہے
ڈاکٹر ابرار عمر
موت جدائی گاتی ہے
شہر میں کتنی گلیاں ہیں اور گلیوں میں دروازے
دروازوں کے اندر جینے مَرنے کی آوازیں
آوازوں کے بیچ میں رشتوں ناطوں کی زنجیریں
ہستی گاتی روتی مَرتی خواہش کی تصویریں
وقت گزرتا جاتا ہے اور موت جدائی گاتی ہے
ایک کہانی مَرتی ہے اور ایک شروع ہو جاتی ہے
٭٭٭
ایک یاد
تمہاری نیم رُخ آنکھوں کا پھیلتا سایہ
مِرے بدن سے مِری روح تک چلا آیا
چراغ جل رہے تھے اور ہم اکیلے تھے
تمام رات ہم اک دوسرے سے کھیلے تھے
٭٭٭
مگر تم نے
ابھی تو داستاں کو خال و خد ملنے تھے
ہاتھوں کو نئی رت نے ہرے گجرے سجانے تھے
شکستہ روح کو تعبیر کا اعجاز ملنا تھا
ابھی افسوس کی آنکھوں نے اپنے ہاتھ ملنے تھے
ابھی تو فاصلے کے چاند کی مہکی زمینوں سے
ہوائیں چلنے کا موسم بھی آنا تھا
ابھی لہروں کی آوازوں پہ ساحل پر
ہوا کا رقص ہونا تھا
ابھی فصلِ ضرورت میں خبر کے پھول کھلنے تھے
ابھی دل کی سماعت نے خوشی کا شور سننا تھا
محبت نے نئے رستوں پہ چلنا تھا
ابھی جسموں کی نیلاہٹ گلابی آگ بننا تھی
ابھی حرفِ محبت نے مِری تصویر کی صورت
تِری آنکھوں کے رستے سے زمینِ دل پہ بہنا تھا
تجھے سیراب کرنا تھا
ابھی رنگِ دعا نے رحمتوں کا رُخ بدلنا تھا
ابھی شاید کی آوازوں سے میری آنکھ روشن تھی
ابھی منظر سے موسم کا کوئی بھی رابطہ کب تھا
مگر تم نے
مگر تم نے
٭٭٭
OH! GIRL
تم مرے پانیوں کا سفر کرنے والی
وہ پہلی صدا ہو
جسے میں نے اپنے
ہزاروں برس پہلے کھوئے کناروں کی دریافت کا
دُکھ دیا تھا
٭٭٭
ہر ایک دائرہ اک دائرے پہ منتج ہے
ہر ایک دائرہ اک دائرے پہ منتج ہے کوئی بتائے کہ ایسے سفر کا کیا ہوگا
سبھی سراب میری آرزو نے دیکھے ہیں
تِرے جمال پہ ٹھہری نظر کا کیا ہوگا
٭٭٭
ماتم
چھوڑ گئی ہو نہ تم بھی
تم بھی لوٹ کر نہیں آؤ گی
وہ بھی لوٹ کر نہیں آئی تھی
٭٭٭
تِری آنکھوں میں دھوکہ ہے
مجھے دیکھو کہ میں بھی تو
تمہارے واسطے کتنے حوادث میں سے گزرا ہوں
کمالِ ضبط سے کتنے مصائب میں نے جھیلے ہیں
مِرے اُجڑے ہوئے چہرے کو کتنے رنگ بھولے ہیں
مِری آنکھوں نے رزمِ پیار میں کتنے ستم دیکھے
تمہیں پھولوں کا بستر دے کے خود کانٹوں پہ سویا ہوں
مِرے ظاہر میں باطن کے سبھی غم تم نے دیکھے ہیں
اکٹھے ہم نے منزل کے سہانے خواب دیکھے ہیں
مِرے پاؤں میں زنجیریں تھیں پھر بھی میرے ہونٹوں پر
تمہارے ہی ترانے ہیں
میں حیراں ہوں!
تمہارے پاس دینے کو مجھے کوئی نہیں الزام
پھر بھی یہ تیرا چہرہ یقیں سے آج خالی ہے
تِری باتوں میں بے زاری مجسم ہے
تبھی تو میں نے روکا ہے
تِری آنکھوں میں جھانکا ہے
تِری آنکھوں میں دھوکہ ہے
٭٭٭
جب بھی ملتا ہے اپنی کہتا ہے میری باتیں کہاں وہ سنتا ہے
شہر والو اسے نہ جانے دو اس سے میرا سراغ ملتا ہے
پیار اس کو بھی ہو گیا ہوگا وہ کتابوں میں پھول رکھتا ہے
لوگ باتیں بنا رہے ہیں کیوں وہ تو گھر سے نہیں نکلتا ہے
چند لمحوں کو زندگی دے کر پھر وہ صدیوں کے بعد ملتا ہے
رات بھی گھور کر سُلاتی ہے دن بھی باتیں سنا کے ڈھلتا ہے
اس کا چہرہ گلاب کیوں نہ ہو وہ تو میرے لہو پہ پلتا ہے ٭٭٭
دریچہ
کمال صبح وصال دیکھو
کہ کیسی خوشبو بکھر رہی تھی
فضا بھی ساری نکھر رہی تھی
بس ایسے لگتا تھا جیسے اپنی نڈھال قسمت سنور رہی تھی
تمہاری باتیں ہماری باتیں ہزار رنگوں میں ڈھل رہی تھیں
ہماری آنکھوں میں مضطرب ایک جستجو نے قرار دیکھا
محبتوں کا حصار دیکھا
زمینِ دل کے چہار جانب جو ایک مہکی سی روشنی تھی
مِری نگاہوں سے اس پرے تک
اس ایک کونے سے دوسرے تک
کچھ اس طرح سے جمی ہوئی تھی
کہ ایک سیڑھی بنی ہوئی تھی
جو بخششیں سی اُتر رہی تھیں
وہ میرے امکان کے کناروں کو چھُو رہی تھیں
سراغ منزل کو پا کے ایسے بہک گیا تھا
کہ شوخ آنچل ڈھلک گیا تھا
یوں رقص جسموں کے ہو رہے تھے
کہ عکس آنکھوں میں بو رہے تھے
تمہارے بے باک قہقہوں سے
مہکتی وادی میں دور تک
ایک بے حجابی سی ہو گئی تھی
ہوا گلابی سی ہو گئی تھی
٭٭٭
خلش
اگر مِرا انتظار کرتی
وہ شام شامِ وصال بنتی
وہ شب شبِ اختیار بنتی
میں ساری مُشکل کا حل سمیٹے
تمہاری بستی میں آگیا تھا
٭٭٭
ایک واقعہ
تاروں کا آنچل تھا پتلی کمر
بانہوں میں گاگر تھی سہمی نظر
میں نے جو دیکھا تو شرما گئی
ہاتھوں کو آنکھوں پہ رکھنے لگی
گاگر بھٹک کے زمیں پر گری
پائل نے مجھ سے کوئی بات کی
چٹیا نے آنچل سے جھانکا مجھے
چوڑی بھی ہاتھوں کی بولی تھی ''چھن''
٭٭٭
یاد
شبنمی سی رات تھی
چاند بھی جوان تھا
برف کے پہاڑ پر
چھوٹا سا مکان تھا
میں تھا میری یاد تھی
اگلی رُت کی بات تھی
شبنمی سی رات تھی
چاند بھی جوان تھا
برف کے پہاڑ پر
چھوٹا سا مکان تھا
وہ بھی میرے ساتھ تھی
٭٭٭
MURREE
دُکھوں نے چاٹ لیا جب بھی میری ہمت کو
سمے کی بے رُخی نے جب بھی سوگوار کیا
تعلّقات میں جب بھی دراڑ پڑنے لگی
سسکتی زندگی کا حوصلہ بڑھانے کو
میں تیری پھیلتی بانہوں میں یوں سمٹ آیا
کہ جیسے پیاس کا مارا ہوا کوئی بچہ
لپٹ کے ماں سے ضرورت کا درد رونے لگے
تمہاری آنکھ میں اُمید کا جہان بخیر
یونہی مہکتی رہیں تیری پیار کی گلیاں
قدم قدم پہ ملیں تذکرے وفاؤں کے
فضا میں رقص کریں بادلوں کی تصویریں
شجر شجر پہ بنیں آشیاں ہواؤں کے
بدن پہ اوڑھ کر اپنی وفا کی ناکامی
سجا کے بالوں میں ٹوٹے ہوئے یقین کی راکھ
میں اپنے ذہن میں پھر حسن بونے آیا ہوں
تمہارے سینے پہ سر رکھ کے رونے آیا ہوں
٭٭٭
سوال دل کا مجسم جواب ہو جائے
میں اس کو چھُو نے لگوں تو وہ خواب ہو جائے
ستارہ بن کے کبھی کہکشاؤں میں چمکے
کبھی زمین پہ اُترے گلاب ہو جائے
٭٭٭
خواب ہے تیرا بدن
بھولی بھٹکی زندگی میں جلتی بُجھتی روشنی میں
میرے من کی بے خودی میں میرے تن کی بے بسی میں
بارشوں کے موسموں میں پانیوں کی شور شوں میں
خواب ہے تیر ا بدن
خواب ہے تیرا بدن
چاندنی کے پیرہن میں ، گلستاں کے بانکپن میں
تتلیوں کے جھرمٹوں میں، طائروں کی انجمن میں
موسموںکی بے رُخی میں ، آتی جاتی ہر خوشی میں
خواب ہے تیرا بدن
خواب ہے تیرا بدن
ظلمتوں کی ساعتوں میں ، زندگی کی اُلجھنوں میں
مشکلوں کے پربتوں پر، آرزو کے ساحلوں پر
میری تنہا خواب گہ میں ، میرے دل کی ہر صدا میں
خواب ہے تیرا بدن
خواب ہے تیر ا بدن
صبح تازہ میں نہیں ہے ، شامِ صحرا میں نہیں ہے
دُکھ کے عالم میں نہیں ہے، سُکھ کے دامن میں نہیں ہے
فصلِ گل کی گفتگو میں ، میری ساری جستجو میں
خواب ہے تیر ا بدن
خواب ہے تیرا بدن
٭٭٭
ایک نظم
ہچکیاں لیتی ہوئی یہ رات کی تنہائیاں
آنکھ ہے خاموش میری دھڑکنیں بیزار ہیں
حسرتیں لپٹی ہوئی ہیں روزنِ دیوار سے
جگمگاتی روشنی میں آئینہ خاموش ہے
سسکیاں لیتی ہوئی تحریر کی تصویر میں
رہ گزارِ آرزوئے شوق بھی اب سو گئی
ماند پڑتا جا رہا ہے حوصلے کا چاند بھی
آگے بھاگے جا رہی ہے میرے فردا کی لکیر
٭٭٭
سلگتے چاند کی تنہائیوں میں زندہ ہوں
میں اپنے درد کی پہنائیوں میں زندہ ہوں
کسی کی نیند میں مہکا ہوں خواب کی صورت
کسی کے جسم کی انگڑائیوں میں زندہ ہوں
دھنک خیالوں کی لفظوں کا ریشمی بستر
میں تیرے ہجر کی رعنائیوں میں زندہ ہوں
یہ لوگ تازہ رفاقت میںسانس لیتے ہیں
میں اپنی ذات کی تنہائیوں میں زندہ ہوں
کشش فرار کی انسان کا مقّدر ہے
پرائے خواب کی پرچھائیوں میں زندہ ہوں
٭٭٭
خواب سمندر
کہاں تھی تم
مجھے جب تیرے ہونے کی ضرورت تھی
میں اپنی مرضی سے اپنے بدن کا
کوئی بھی حصّہ ہلانے سے بھی قاصر تھا
اماوس کی وہ تنہا رات
جب خوابوں کے آنگن میں کوئی تصویر لہرائی
جسے خونی تبسّم نے بھیانک روپ بخشا تھا
میں کہنہ مشق ہاتھوں میں کسی کٹھ پتلی کی صورت
تماشا بن گیا تھا
اور خیالستان کی پریاں بھی تھک کر سو گئی تھیں تب
کہاں تھی تم
مِری دنیا میں سورج جب کبھی مشرق کبھی مغرب میں ڈھلتا تھا
مِری باتیں کسی منطق سے عاری تھیں
تمنا تشنگی کے راستوں سے دور رہتی تھی
مِری چوکھٹ پہ اُمیدوں کا رقص ناتواں
حیرانیوں کی اک فضا میں
ّآخری سانسوں میں تھا
مِرے آنگن میں ڈھولک کی سریلی تھاپ
دھیرے دھیرے موسیقی سے عاری ہوتی جاتی تھی
میں اپنی حیثیت سے بڑھ کے
آوازوں کے پیچھے دوڑنے پھرنے کا قائل تھا
مسافت ناچتی تھی اور منزل ڈگمگاتی تھی
کہاں تھی تم
اُجالے کے پرندے کو
محبت کے پروں کی جب ضرورت تھی
مِرے خوابوں کی اندازوں کی حالت بھی
بگڑنے کے مراحل سے گزر کر جب
سمے کی بھول میں گم تھی
کہاں تھی تم
اب آئی ہو تو بیٹھو تم
مجھے اب بھی تمہارے ریتلے جسم اور باتوں کی ضرورت ہے
مجھے تھامو -----مجھے چھُو لو
سنو!!! مجھ کو نظر آؤ
کہاں ہو تم----
کہاں ہو تم
٭٭٭
اس کو شہر سے دور بُلایا کرتے تھے ہم بھی اپنا پیار چھپایا کرتے تھے
رو رو کر جب آنکھیں دُکھنے لگتی تھیں اک دوجے کو خوب ہنسایا کرتے تھے
لمحہ لمحہ درد میں جلتے رہتے تھے صورت صورت آس لگایا کرتے تھے
تنہائی میں دل کی سوچ زمینوں پر ہم یادوں کے شہر بسایا کرتے تھے
باہر خوش خوش رہنا اپنی عادت تھی گھر میں جا کر نیر بہایا کرتے تھے ٭٭٭
ماتم
تم وہ نہیں ہو
وہ تو مَر چکی ہے
تم نے کسی کے ساتھ مل کر
اس کو مار ڈالا ہے
٭٭٭
شوقِ پرواز تو آواز کو دُکھ دیتا ہے
شام سے آگے سوالوں کے دھُندلکے سے پرے
شب کے آنگن میں تِرے وصل کا جلتا ممکن
میں نے سوچا تو ہے لیکن مِرے آغاز پسند
شوقِ پرواز تو آواز کو دُکھ دیتا ہے
وصل کی کوکھ سے بس ہجر جنم لیتا ہے
٭٭٭
کلاس آخری تھی
کلاس آخری تھی
گلابی قمیص اور سفیدی سے رنگ کے دوپٹے میں ملبوس
دیوار کے سایے سایے
مِرے پاس ہی وہ کھڑی تھی
وہ لکچر میں گم تھی
میں لکچر سے ہٹ کر اسے دیکھنے لگ گیا تھا
وہ جونہی مجھے دیکھتی
میں نظر کو جھُکاتا قلم کو گھُماتا
مگر کچھ نہ لکھتا
کہ لکھنے کو کیا تھا
سنی اور سنائی ہوئی ساری باتیں
پریشان تھا اس کو کیسے بتاؤں
کہ وہ ساری بے معنی باتیں
مِرے اس کے باہم جو ہوتی رہی ہیں
کلاس اور کالج کے لانوں میں بیٹھے
اب اک لمحہ ء جاں گسل میں سمٹ کر
مِرے خون میں دوڑنے لگ گئی ہیں
کلاس آخری تھی
گزرتے سمے کو میں محسوس ایسے کیے جا رہا تھا
کہ جیسے مِری سانسیںمجھ سے جدا ہو رہی تھیں
سفیدی سے رنگ کا وہ کاغذ مجھے یاد ہے
جس پہ میں نے گُلابی سیاہی کے دل سے
محبت کی پہلی دعا نقش کر کے اسے بھیج دی تھی
٭٭٭
LINTOTTمیں
دیکھا جو میں نے غور سے
باہر کنار شام تک
سورج نے ہاتھ باندھ کر
مجھ کو سلام کہہ دیا
پھر اک سریلی بات نے
سردی میں گرم ہاتھ نے
مجھ کو ذرا ہلا دیا
سورج کا غم بھُلا دیا
٭٭٭
وہ کہتی ہے
وہ کہتی ہے
محبت کو اناٹومائیز*کر دینا نہیں اچھا
تمہارے لفظ پورے ہیں
مگر پھر بھی ادھورے ہیں
کسی خاموش شب
میرے فلک پہ آ کے
اپنے ہونے کی روشن گواہی دو
محبت روح ہوتی ہے سمجھتے ہو
بدن سے روح کی ہمسائیگی کو بھی سمجھ جاؤ
محبت کی اجازت کے سمے اک روز آ جاؤ
بدن سے روح کا گھر پوچھتے ہیں
________
Anatomise *
٭٭٭
KINNAIRD
سنہری گُلابی دسمبر کی کھلتی ہوئی دھوپ جیسی
محبت بھری لڑکیاں
یہ نہیں جانتیں کہ محبت کی قسمت میں تاریکیاں ہیں
وہ تاریکیاں جن میں اپنے خد و خال
ہاتھوں سے بھی نہ پڑھے جاسکیں
زندگی کے تصوّر سے مہکی ہوئی لڑکیو!
جان لو کہ تمہارا سفر ایسے ساگر کی جانب ہے
جس کی ہواؤں کی جنّت تو کچھ دن ہے
اور پھر
اندھیر ا اُگلتی ہوئی ایک گہرائی ہے
جس میں ساری صدائیں سماعت سے محروم مَر جائیں گی
جو ہزاروں محبت بھری داستانوں کا انجام ہے
لڑکیو! تم بدن کے سوالوں کی شّدت سے بہکی ہوئی ہو
جوابوں کی دھرتی کا ظالم سفر تو
تسلّی کے جوتے پہن کر بھی
تم سے نہ طے ہو سکے گا
سنہری گلابی دسمبر کی کِھلتی ہوئی دھوپ جیسی
محبت بھری لڑکیاں یہ نہیں جانتیں کہ
محبت کی قسمت میں تاریکیاں ہیں
٭٭٭
وہ میرا مسئلہ حل کر گیا ہے طبیعت اور بوجھل کر گیا ہے
میں جیسے اور ادھورا ہو گیا ہوں مجھے وہ یوں مکمل کر گیا ہے ٭٭٭
مجھے کیوں یاد کرتی ہو
یہ لوگوں سے سنا ہے کہ مجھے تم یاد کرتی ہو
مجھے کیوں یاد کرتی ہو
تمہیں پہلی ملاقاتوں میں میں نے یہ بتایا تھا
کہ میں تو اک عجب رستے کا راہی ہوں
میں ہجر و وصل کے سارے فسانے بھول بیٹھا ہوں
کسی تازہ کہانی کا کوئی کردار بننے سے بھی خائف ہوں
تِرے چہرے پہ پھیلی مسکراہٹ جو مِری خاطر تھی
جب سے میں نے دیکھی ہے
تمہیں ملنے میں او لڑکی بڑا محتاط رہتا ہوں
تمہارے رونے دھونے سے زمانے کو بتانے سے
مِرے اندر کبھی کوئی محبت جاگ ناں پائی
تمہیں میں آج بتلا دوں
کہ میں تو ایک قیدی ہوں کسی مُردہ کہانی کا
جو برسوں پہلے میں نے اور تیرے جیسی اک لڑکی نے لکھی تھی
تمہیں دینے کی خاطر اب جو میرے پاس کچھ ہوتا
تمہاری بات کا مجھ پر بھی کچھ نہ کچھ اثر ہوتا
مگر لڑکی مِرے یہ ہاتھ خالی ہیں
مِری نظریں بھی روکھی ہیں
مجھے تم یاد ناں کرنا
جواں لمحوں کو اپنے یوں کبھی برباد نہ کرنا
مجھے تم یاد نا ں کرنا
مجھے تم یاد ناں کرنا
مجھے کیوں یاد کرتی ہو؟
٭٭٭
پھر بہار آئی
رنگتیں اُڑی سی ہیں
حوصلے بجھے سے ہیں
آنکھ میری پُر نم ہے
جلتی بُجھتی خواہش ہے
واقعے کے پیچھے بھی
واقعہ مجسم ہے
ڈوبتے چراغوں کی
سانس ٹوٹ جاتی ہے
بھول ہے تمہاری یہ
ایک وقت آئے گا
تم مجھے بھُلا دو گے
اپنی لغزشوں کا میں
اعتراف کرتا ہوں
پیار کرنے والے تو
فاصلے نہیں رکھتے
سرکشی نہیں اچھی
لوٹ کر چلے آؤ
پھر بہار آئی ہے
٭٭٭
میں اس کو قتل کرنا چاہتا ہوں
وہ جو اک گمشدہ موجود ہے
جس کو تلاشے جا رہا ہوں میں
جو میرا خواب لے کر
مجھ کو صدیوں کے تعاقب کے کسی کربِ مسلسل میں
بھگوتا جا رہا ہے
کہاں ہے وہ
میں اس کو قتل کرنا چاہتا ہوں
وہ تتلی ہے کہ شعلہ ہے
وہ بادل ہے کہ جگنو ہے
وہ جو کچھ بھی ہے
میرا شور سنتا ہے
مِری نظروں میں آتا ہے
کبھی گہرے کسی غم میں
کبھی مہکی ہوئی دلگیر آہٹ میں
مجھے شکوہ ہے
اس نے مستقل تحقیق میں بے حال کر کے مجھ کو لوٹا ہے
وہ جب تک ہے
مجھے یونہی تڑپنا ہے
مجھے خود سے بھی لڑنا ہے
کسی چہرے پہ پھیلی مسکراہٹ کو
عجب انداز سے محسوس کرنا ہے
بڑے بیزار لفظوں کو
حوالے کی لڑی میں بھی پرونا ہے
وہ نغمہ جو سنا جاتا نہیں
وہ چہرہ جو چھُوا جاتا نہیں
وہ ملتا ہے مگر وہ بچ نکلتا ہے
بڑی ہی بے دلی سے سوچتا ہوں میں کہ اگلی بار
لیکن ہر دفعہ دھوکے میں رہتا ہوں
وہ اگلی بار کب آئے گی جب میں جیت جاؤں گا
محبت کی اجازت کے کسی لمحے میں
اس کو قتل کر دوں گا
٭٭٭
خود کشی سے پہلے
صدا کی نبض رُک گئی
نظر خبر سے جھُک گئی
کھلونے ٹوٹنے لگے
سوال خواب بن گئے
دعائیں برف ہو گئیں
فلک کو آگ لگ گئی
زمین کے بدن پہ میل جم گیا
قلم بھی غم سے تھم گیا
خزاں رسیدہ شام ہے
کہ ممکنات کے اُداس ساحلوں پہ
خودکشی کا رقص ہے
کوئی کنار وقت پہ کھڑا صدائیں دے رہا ہے
وقت کی نگہ میں تیری نارسائی ثبت تھی
ہواؤں نے سمے کی داشتاؤں نے
تمہارے خواب چھین کر
کسی کا گھر سجا دیا
٭٭٭
ایک بیمار رات کا منظر
شہر سے دور ایک رستہ تھا
سامنے جھیل کا کنارا تھا
آگے جنگل کی سرسراہٹ تھی
منجمد یاد کا بدن ٹوٹا
چند آنسو ہوا میں لہرائے
٭٭٭
سوال ہو گئے تھے گُم جواب جاگنے لگے کسی بڑے گناہ کے ثواب جاگنے لگے
تمہاری سمت دیکھ کر جو دیکھا آس پاس کو
مِری نظر میں دور تک گُلاب جاگنے لگے
٭٭٭
یہ میرا دوش نہیں
قلم کی نوک پر اب تک لہو کے قطرے ہیں
خبر کے ہاتھ پہ لکھا ہو ا ہے صبر ابھی
سمے کی آنکھ میں اب تک سفر کی اُلجھن ہے
بکھرتا ہوں میں کبھی اور کبھی سنورتا ہوں
نہ ٹوٹتا ہوں مکمل نہ پورا اُ جڑتا ہوں
میں درمیان سے آگے جو بڑھ نہیں پایا
یہ میرا دوش نہیں راستوں کی سازش ہے
کسی بھی سمت چلے اب ہوا یہ ثابت ہے
ابھی دُکھوں کو میری زندگی کی حاجت ہے
٭٭٭
ایک لڑکی نے
ایک مجبور تعلق سے گریزاں ہو کر
ایک لڑکی نے
میری آواز سے بیمار سماعت بھر لی
میری غزلوں مِری نظموں سے محبت کر لی
٭٭٭
اک مسافر ہوں
میری تصویر کتابوں میں چھپا کر رکھنا
اپنی باتوں میں مِری بات کو شامل رکھنا
یہ بھی ممکن ہے کہ کچھ لوگ تمہیں یہ کہہ دیں
''چند لمحوں میں کسی شخص کا ہونا کیسا
وہ تو اک خواب تھا خوابوں سے محبت کیسی
تم تو پاگل ہو سرابوں سے تمنا کیسی
اب کسی اور کے احساس کی سج دھج بن کر
تم کسی اور کے آنگن میں بسیرا کر لو''
تم بدلنا نہیں موسم کے بدل جانے سے
اپنے جلوؤں کو مِرے پیار کے قابل رکھنا
بعد مدت کے سہی لوٹ کے آؤں گا میں
اک مسافر ہوں سر شام چلا جاؤں گا
٭٭٭
کنار شام سورج مَر رہا ہے پرندہ رات سے پھر ڈر رہا ہے
دھُوئیں کے ہاتھ میں تلوار ہے اور مِری آواز کا رُخ کر رہا ہے
نگاہیں روشنی کی منتظر ہیں کوئی دیوار کو در کر رہا ہے
ضرورت آ رہی ہے رقص کرنے اندھیرا روشنی سے ڈر رہا ہے
مِری آوارگی کے معجزے ہیں زمانہ میری باتیں کر رہا ہے
جسے میں لمحہ لمحہ جوڑتا ہوں وہی تقسیم مجھ کو کر رہا ہے ٭٭٭
ایک نظم
کنواری دستکیں اور رات کا خموش سفر
جب اپنے آپ سے باہر نکل کے دیکھا اسے
زمینِ عشق کا ہر دائرہ سوالی تھا
٭٭٭
اس سے پہلے
اس سے پہلے کہ اُداسی کا سفر ہو دائم
سانس ہو جائے جدائی کی ہوا سے نیلا
جسم کے چاند کو لگ جائے گہن لمحوں کا
دھوپ کی بارشیں کھا جائیں بدن سایے کا
خواب کے عکس میں آ جائے دھُواں حسرت کا
خامشی روح کے ہر تار کو مُردہ کر دے
تیری مجبور نظر وقت کے سناٹے میں
ڈھونڈ لے اپنی محبت کے مقدر کی صلیب
آ کسی روز بہاروں کی برہنہ رُت میں
غم کی تصویر کو رنگوں کا کنارا دے دیں
٭٭٭
میرے کمرے میں جب آنا
اپنی ہتھیلی پر بیتا ہر لمحہ
آنکھوں میں ہر زخمی موسم
چہرے پر محرومی کے سب صحرا لے کر آنا
جھریوں میں بے وارث لمحوں کی قبریں ہوں
پلکوں کے ہینگر پر اپنی رسوائی کا بوجھ
اور ہونٹوں پر ٹوٹی چاہت کی تصویر کی پپڑی
گزرے دنوں کی زرد نشانی لے کر آنا
پیاسے سفر کی تنہا راتیں
درد لٹاتی تیز ہوائیں
سوچ کے پھول جلاتی دھوپ صدائیں
خوابوں جیسے لوگوں کے بے سمت دلاسے
سب کچھ لے کر آنا
میرے کمرے میں جب آنا
مجھ کو ساری رات جگانا
٭٭٭
مجھے اس سے محبت ہے
مرا آدرش بس یہ ہے
مری باتیں اسے منزل پہ پہنچا دیں
وہ منزل جس پہ اس کی حیثیت آزاد ہو
اس کو کوئی خوف و خطر نہ ہو
زمانے کے اصولوں دوسروں کے فیصلوں سے ماورا
اک ایسی شخصیت
جسے مجھ سے محبت ہو
جسے خود سے محبت ہو
ہزاروں زاویوں سے اس کی شخصیت میں شامل ہو کے
اس کو میں کئی رنگوں میں رنگ ڈالوں
مری نظمیں مری غزلیں اسے میرا بنا دیں
وہ مرے گیتوں کو سن سن کر
ہنسے، روئے
وہ مجھ سے دور رہ کر بھی
مجھے محسوس کرنے کے ہر اک انداز سے گزرے
کبھی ایسا بھی ہو جائے
وہ اپنی بے پنہ مصروفیت سے کچھ دنوں کے واسطے
میرے لیے اپنے لیے کچھ وقت لے آئے
کسی خاموش ریستوران کے اندر
وہ کچھ پل کیٹس اور پھر بائرن پر بات کر کے
مجھ کو Beatlesکے کسی مسحور گانے کا حوالہ دے
وہ تھامس ہارڈی کے Tessپر کچھ اس انداز سے باتیں کرے
میری نگہ نمناک ہو جائے
مرا غم کتنا گہرا ہے
میں کتنی مشکلوں سے منزلوں کو چھو سکا ہوں
اس کو یہ ادراک ہو جائے
کسی بل کھاتی پگڈنڈی پہ
پھولوں سے لدے پیڑوں
سنہری رات میں کرنوں کی برساتوں کو جب وہ غور سے دیکھے
میں اس کو غور سے دیکھوں
جھکے بادل کے سائے میں کسی برفیلے رستے پر
کسی مچلے ہوئے جذبے پہ
کچھ پل بات کر کے وہ
ذرا سا روئے پھر ہنس دے
وہ اپنی بے پنہ مصروفیت سے کچھ دنوں کے واسطے
میرے لیے اپنے لیے کچھ وقت لے آئے
ہری رُت میں گھنے اشجار میں بہتی ہوئی
نّدی کے سایے میں وہ مجھ سے بات کر لے
اور
مجھے بے سمت آمد کی خبر کا سایہ دے کر پھر
کسی بے نام رستے پر نکل جائے
ہمیشہ دور رہنے کے لیے
لیکن--------
نہ مجھ سے دور جائے------
ہمیشہ پاس رہنے کے لیے
لیکن--------
نہ میرے پاس آئے-----
اگر وہ دور جائے گی تو مجھ کو بھول جائے گی
اگر وہ پاس آئے گی تو مجھ سے ٹوٹ جائے گی
اسے پانے نہ پانے کی یہ کیفیت
مرا انجام ہو جائے
سفر بے نام ہو جائے
مجھے بس یاد رہنے کے لیے
اس سے محبت ہے
مجھے اس سے محبت ہے
٭٭٭
محبت ہو بھی سکتی تھی
اگر یہ فاصلہ جو درمیاں ہے دور ہو جاتا
ترا ہنسنا ترا رونا مجھے مقدور ہو جاتا
تو تم سے بات کرنے کے کئی امکان ہو جاتے
جو باہم رابطے مشکل ہیں وہ آسان ہو جاتے
مرے دل میں کمی سی ہے ہمیشہ ساتھ رہتی ہے
اگر تم پاس رہتے تو-------
محبت ہو بھی سکتی تھی
٭٭٭
محبت
محبت حسن کی بارات
محبت درد کی سوغات
محبت تتلیوں کے رنگ میں ڈوبا ہوا نغمہ
محبت رات کی تنہائی میں باتیں سناتی ہے
محبت گیت گاتی ہے
محبت چلمنوں کے پیچھے چھپتا ایک چہرہ ہے
محبت ایک دیوانے کے چہرے کا وہ سہرا ہے
جسے اقرار نے باندھا
محبت پارسائی ہے
محبت ہی خدائی ہے
محبت درد کی آغوش میں پلتا ہوا نوحہ
محبت عشق کی دہلیز پہ ٹھہرا ہوا بادل
محبت ایک رستہ ہے
گھنیرے جنگلوں کے بیچ سے تنہا گزرنے کا
محبت منجمد تاریک رستوں کا سہارا ہے
محبت دھیرے دھیرے دل کے آنگن میں اُترتی ہے
کسی کے ساتھ بیتے ایک لمحے کو ترستی ہے
محبت خود پہ ہنستی ہے
محبت فیصلہ ہے فاصلوں سے پیار کرنے کا
کسی سے دور رہ کر بھی کسی کے پاس رہنے کا
محبت عالم گل میں صبا کا ایک جھونکا ہے
محبت گرم موسم میں خنک سا ایک جذبہ ہے
محبت کالی راتوں میں چمکتا ایک سپنا ہے
محبت اونچے نیچے راستوں کا اک سفر بھی ہے
محبت ایک صحرا ہے -------محبت ایک گھر بھی ہے
٭٭٭
محبت اک سلگتی شام
محبت دشت فرقت میں
بنا رخت سفر چلتے کسی مجذوب کے دل سے نکلتا ایک نوحہ ہے
محبت راستوں کے جال میں بھٹکا ہوا راہی
کسی کے بام پر ٹھہرا ہوا اک اجنبی چہرہ
محبت خواب بن جائے تو تعبیریں نہیں ملتیں
محبت ایک بارش ہے
جو اک اک بوند کر کے تن سے من میں جب اُترتی ہے
سریلے ساز بجتے ہیں
انوکھے باب کھلتے ہیں
محبت کرنے والے تو فصیلِ جاں کو داؤ پر لگا کر بات کرتے ہیں
وہ کانٹوں کی زمینوں پر بھی ننگے پاؤں چلتے ہیں
محبت ایک سرگوشی
کسی فنکار کے ہاتھوں سے چھڑتا بے خودی کا راگ
محبت بارشوں کے موسموں میں یاد کی کایا
محبت جلتے تپتے راستوں پر پھیلتا سایہ
محبت اک قضا بن کر بھی آتی ہے
کئی لوگوں کے جیون میں
محبت مرگ گل بھی ہے
محبت یاس کی صورت
اک ایسی پیاس کی صورت
کبھی جو بجھ نہیں پاتی
محبت اک اُداسی ہے
بلا کی خامشی بھی ہے
محبت موسموں کو حسن کا پیغام دیتی ہے
محبت چاہنے والوں کو یہ انعام دیتی ہے
قبولیت کے دروازوں پہ مہکی اک دعا بھی ہے
محبت اک سزا بھی ہے
محبت پت جھڑوں کا نام
محبت اک سلگتی شام
٭٭٭
جوانی جب محبت کے ادھورے گیت گاتی ہے تمہاری یا د آتی ہے
اُداسی ساری ساری رات جب مجھ کو جگاتی ہے تمہاری یا د آتی ہے
میں اپنے دل کی دھڑکن کی صدائیں سن کے گھبراہٹ میں کمرہ چھوڑ دیتا ہوں
کوئی آواز ہے جو میرے پیچھے پیچھے آتی ہے تمہاری یا د آتی ہے
ہمارے گھر کے آنگن میں طلوع شام کا منظر بڑا دلدوز ہوتا ہے
ہوا جب زرد پتوں کو ''بکھر جانا'' سناتی ہے تمہاری یا د آتی ہے
گلابوں جیسی آنکھیں جب محبت کے سفر پر اپنا پہلا پاؤں دھرتی ہیں
مرے دل میں پُرانی اک دُعا آنسو بہاتی ہے تمہاری یا د آتی ہے
تمہارے قرب میں بیتے ہوئے کچھ ریشمی لمحے مرے خوابوں میں آتے ہیں
تو ایسے میں تری آواز ہی مجھ کو جگاتی ہے تمہاری یاد آتی ہے
٭٭٭
مجھے آغاز کا دُکھ ہے
ترے کمرے میں بکھرے کانچ کے برتن بتاتے ہیں
کہ کوئی خواب ٹوٹا ہے
کتابوں پر پڑے گُلدان کے ٹکڑوں میں
پھولوں کی کہانی ہے
جو تم نے رات کے پچھلے پہر
اک خوبرو مہمان کی خاطر سجائے تھے
تمہارے بیگ کی زپ بھی کھلی ہے
اور تمہارا پرس بھی
کھونٹی پہ اُلٹا ایسے لٹکا ہے
کہ جیسے کوئی چمگادڑ
سحر کی روشنی سے خوف کھا کرآسماں کو گھورتی ہے دھوئیں کے بادلوں کی نذر ہوتے ریشمی کپڑے
مری آنکھوں نے دیکھے ہیں
ترے نیکلس کے کچھ موتی
ترے باہر کے دروازے کی چوکھٹ پر
مرے پاؤں کے نیچے آ رہے تھے
یہ وہی پاؤں ہیں جو تیری محبت میں
فقط محو سفر ہیں
ترے انجام کا مجھ کو پتہ تھا
مجھے آغاز کا دُکھ ہے
٭٭٭
دسمبر اب بھی تیرا منتظر ہے
وہ لمحے
سوچ کی دہلیز پر ٹھہرے ہوئے ہیں
دسمبر کے مہینے میں
ہزاروں سال پہلے جب
ترے وعدے کے ہونٹوں نے
مری آنکھوں سے بہتی زندگی کے ہاتھ چومے تھے
مری بے رنگ باتوں کے کنارے
تم نے خوابوں کے سہارے اور اشکوں کے ستارے رکھ دیئے تھے
اور
ہوا کو اپنی چاہت کی حفاظت کا اشارہ کر دیا تھا
ہوا کی خنکیوں میں اب بھی تیری نرم باتیں
آہٹوں کا جال بُنتی ہیں
سماعت اب بھی تیرے قہقہوں کا شور سنتی ہے
خیال اب تک تمہاری اُنگلیوں سے
میرے دل کے سرخ آنسو پونچھتا ہے
نگاہیں برف کے پھیلے چمکتے کینوس پر جا بجا
تیری رفاقت کی ضرورت پینٹ کرتی ہیں
ٹھٹھرتے پانیوں کے تن پہ بکھری دھوپ
تیرا ہجر روتی ہے
کہاں ہوتی ہے تو
محبت کی سلگتی رہ گزاروں کے کناروں پر
دسمبر اب بھی تیرا منتظر ہے
٭٭٭
ایک یاد
لپٹی ہوئی تھی آنکھ سے اس کے بدن کی بیل
مہکا رہے تھے ذہن کو سرگوشیوں کے پھول
گدرائی چاندنی میں وہ اُجلی شرارتیں
صدیوں کی برف توڑ گئیں چند ساعتیں
آواز اس کی اوڑھ کر پھر سو گئے تھے ہم
ان دیکھی گہری وادیوں میں کھو گئے تھے ہم
٭٭٭
تمہارے بغیر
شہر آزار کو کھلتی ہوئی کھڑکی کی تھکن
میری آنکھوں کو بھگوتی ہوئی آوارہ ہوا
دوش دیوار پہ بیزار گھڑی کی ِٹِک ٹِک
میرے انجام پہ روتا ہوا سانسوں کا ستار
پینٹ اکھڑی ہوئی دیوار پہ تیری تصویر
ٹوٹی الماری میں بکھرے ہوئے چاہت کے نقوش
رات کے حُسن پہ پھیلا ہوا یادوں کا غبار
رقص کرتی ہوئی تنہائی کے پیاسے سائے
میں اکیلا ہوں مگر پھر بھی اکیلا تو نہیں
٭٭٭
برف کا سورج
دسمبر کے مہینے میں
مری کے ایک رستے پر
تمہارے شوخ ہاتھوں نے
چمکتی برف سے جو ریشمی سورج بنایا تھا
وہ میری گرم راتوں کو
ابھی تک ٹھنڈی میٹھی روشنی کا
چاند دیتا ہے
٭٭٭
والعصر ان الانسان لفی خسرٍ
اس نے اپنی قیمتی ترین کار کو
ایکDancing Floorکے مین گیٹ پر روکا
اور اپنی بیوی کو وہاں Dropکر دیا
وہ Drunkتھا
اور کسی دوسرے کی بیوی کے ساتھ
کہیں اور
Danceکرنے جا رہا تھا
..........................
..........................
شہر کے ایک مصروف چوک میں
ٹریفک کے اشارے
ایک Car Accidentکو ترتیب دے رہے تھے
.........................
.........................
دور ایک گاؤں کے قبرستان میں
دو گز زمین کے ایک ٹکڑے کا انتظار
بہت پیاسا تھا
٭٭٭
A DREAM
I entered the hall briskly
مرے ارد گرد Guardsکھڑے تھے
مجھے جان کا خطرہ تھا
Lesbiansکے چہرے سرخ ہو رہے تھے
Gaysکی نظروں کے تیر
مجھے On the Spotقتل کر دینا چاہتے تھے
Bisexualsمجھے اپنے ہاتھوں اور دانتوں سے
Crushکرنا چاہتے تھے
ہال کے دروازے بند ہو گئے
روشنیاں Offکر دی گئیں
میرا لیکچر ختم ہوا
روشنیاں Onہو گئیں
دروازے کھل گئے
سارا ہال موت کے خوف سے لرز رہا تھا
سب کے چہروں پر خدا اُتر آیا تھا
میں اپنی بات مکمل کرنے کے وعدے کے ساتھ
Guardsکے ساتھ ہال سے باہر نکل گیا
٭٭٭
SESSION 2
Russell، Freud،Nancy Fridayاور Dale Carnegieنے
اپنی ساری کتابوں کےCopy Rights
میرے حوالے کر دیے
مجھے اجازت دی
کہ ان کی آئندہ اشاعت روک دوں
اور پوری دُنیا میں موجود Copiesکو
Collectکر کے جلادوں
مجلس اس بات پر برخاست ہوئی
کہ اگلی بار
''خدا ہم سے کیا چاہتا ہے''
پر بات ہوگی
٭٭٭
HE HELPS
V----------Pکو ملنے کا گناہ کرنے جا رہا تھا
P----------Vکو ملنے کا گناہ کرنے جا رہی تھی
Pکو راستے میں
مسجد سے بلند ہوتی ہوئی آواز ''اللہ اکبر''نے روک لیا
Vکو راستے میں
سکول کی ایک معصوم بچے کے
گاڑی کے نیچے کچلے جانے کے منظر نے روک لیا
٭٭٭
SEEING HER IN GRAVEYARD
وہ قبرستان کے اک کونے میں
قبر سے لپٹی ہوئی
اپنی جینز کو سگریٹ سے سلگا رہی تھی
اُس کے ہر کش کے ساتھ
مرے کچھ آنسو گرتے
اور اُس کے کچھ قہقہے بلند ہوتے
تیز ہوا میں
میرے آنسو اُس کے قہقہوں سے لپٹ جاتے
Undertakerایک جانی پہچانی حیرت سے
اُسے دیکھ رہا تھا
اور سوچ رہا تھا
کہ اس طرح کی ایک لڑکی کو اُس نے
پچاس سال پہلے دفنا دیا تھا
Main Gateپر کھڑا ایک درخت
ہوا کو کہہ رہا تھا
یہ پانچویں دفعہ ہو رہا ہے
میں قبرستان کے دوسرے کونے میں
ایک قبر سے لپٹا
Adamاور Eveسے لے کر آج تک کی تاریخ کو دھرا رہا تھا
٭٭٭
LOGIC
بصارت موت دیکھتی رہتی ہے
سماعت موت سنتی رہتی ہے
ہاتھ قبریں بناتے
اور جسم دفناتے یا جلاتے رہتے ہیں
کہیں جسم گیس چیمبرز کی نذر ہو جاتے ہیں
کہیں کبھی نہ ملنے کے لیے
جنگلوں ، سمندروں اور دریاؤں میں کھو جاتے ہیں
اتنیGalaxies
اور پھر ایک Galaxy
ایک Planet
اُس پر رہنے والا انسان
جوBiotechاورCloningکے نعرے مارتا ہے
روزانہ اپنے جیسے کتنوں کو
رزق فنا ہوتا دیکھتا ہے
حیرت ہے وہ اپنی مختصر زندگی کو
اپنے بنانے والے کے Codeکے مطابق
گزارنے سے قاصر ہے
٭٭٭
A MUSLIM GIRL
جب وہ
اپنے ہونٹ ، آنکھیں ، ناک ، بال ، اُنگلیاں
اور باقی سب کچھ
E-mailنہ کرسکی
تو اُس نے
قاسم ، غوری اور ابدالی کی انا کو
Webcamپر Surrenderکر دیا
٭٭٭
SHE WAS BEAUTIFUL
اُس کی آنکھوں میں
زندگی سے موت تک کے سارے سفر کی داستان تھی
اُس کے ہونٹوں کی نیلاہٹ
اور آنکھوں کی پیلاہٹ
زندگی کے عارضی پن کو
خوبصورت بنا رہی تھی
زندگی کی بد رنگیوں میں
موت کی خوش رنگیاں گھولنے والی وہ
چہرے پر حقیقت سجائے
بہت خوبصورت لگ رہی تھی
٭٭٭
INTERNET
جب تک ہمیں Devineکام کرنے کے لیے
Devilسے
Officeکرایے پر لینے کی ضرورت رہے گی
ہم Successfulنہیں ہوسکتے
٭٭٭
AN ADULTERESS
شہر میں گھومتی جھومتی
عدالت اور سیاست کی باتوں کی ماہر
روایت سے بیزار
شوہر سے نالاں
Bertrand RusselکیEthicsکی عاشق
خواتین کے So called Rightsکے لیے
مرنے اور مار دینے کی باتوں سے
محفلوں کو گرمانے والی
مدارن !
محبت کی مذہب کی دشمن
شوہر کے حق کو
٭٭٭
SEEKING
Ducksکا ایکCouple
Strawberriesسے ٹکرا کر سات رنگوں میں تحلیل ہوتی ہوئی
روشنی کو دیکھ رہا تھا
اور کچھ دن پہلے
اچانک بارش کے بعد
North Horizonپر Emergeہونے والی
Rainbowکو یاد کر رہا تھا
شام سمندر سے رات مانگ رہی تھی
رات جبGod Giftedانسانی روشنیوں کے جہاز
٭٭٭
LOVE & GENDERS
کشتی کو اپنا دریا نہیں بدلنا چاہئے
ہاں دریا چاہے تو
ایک سے زیادہ کشتیاں رکھ سکتا ہے
بن دریا کے کشتیاں
اور ایسی کشتیاں
جن کے دریا مر گئے ہوں
٭٭٭
ماخذ:
http://www.alqamar.org/poetry/categories/%D8%B4%D8%B9%D8%B1%D8%A7%D8%A1-%DA%A9%DB%8C-%D9%81%DB%81%D8%B1%D8%B3%D8%AA-%D8%AD%D8%B1%D9%88%D9%81-%D8%AA%DB%81%D8%AC%DB%8C-%D8%B3%DB%92/%D8%A7/%DA%88%D8%A7%DA%A9%D9%B9%D8%B1-%D8%A7%D8%A8%D8%B1%D8%A7%D8%B1-%D8%B9%D9%85%D8%B1/
تدوین، اور ای بک کی تخلیق: اعجاز عبید
موت جدائی گاتی ہے
ابرار عمر
نظم/غزل
مگر تم نے
ابھی تو داستاں کو خال و خد ملنے تھے
ہاتھوں کو نئی رت نے ہرے گجرے سجانے تھے
شکستہ روح کو تعبیر کا اعجاز ملنا تھا
ابھی افسوس کی آنکھوں نے اپنے ہاتھ ملنے تھے
ابھی تو فاصلے کے چاند کی مہکی زمینوں سے
ہوائیں چلنے کا موسم بھی آنا تھا
ابھی لہروں کی آوازوں پہ ساحل پر
ہوا کا رقص ہونا تھا
ابھی فصلِ ضرورت میں خبر کے پھول کھلنے تھے
ابھی دل کی سماعت نے خوشی کا شور سننا تھا
محبت نے نئے رستوں پہ چلنا تھا
ابھی جسموں کی نیلاہٹ گلابی آگ بننا تھی
ابھی حرفِ محبت نے مِری تصویر کی صورت
تِری آنکھوں کے رستے سے زمینِ دل پہ بہنا تھا
تجھے سیراب کرنا تھا
ابھی رنگِ دعا نے رحمتوں کا رُخ بدلنا تھا
ابھی شاید کی آوازوں سے میری آنکھ روشن تھی
ابھی منظر سے موسم کا کوئی بھی رابطہ کب تھا
مگر تم نے
مگر تم نے
٭٭٭
جب بھی ملتا ہے اپنی کہتا ہے
میری باتیں کہاں وہ سنتا ہے
شہر والو اسے نہ جانے دو
اس سے میرا سراغ ملتا ہے
پیار اس کو بھی ہو گیا ہوگا
وہ کتابوں میں پھول رکھتا ہے
لوگ باتیں بنا رہے ہیں کیوں
وہ تو گھر سے نہیں نکلتا ہے
چند لمحوں کو زندگی دے کر
پھر وہ صدیوں کے بعد ملتا ہے
رات بھی گھور کر سُلاتی ہے
دن بھی باتیں سنا کے ڈھلتا ہے
اس کا چہرہ گلاب کیوں نہ ہو
وہ تو میرے لہو پہ پلتا ہے
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)