ادبِ اطفال

موت کی وادی اور دوسری کہانیاں

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (3,763 الفاظ)

موت کی وادی اور دوسری کہانیاں

ابرار محسن ٹائپنگ اور جمع و ترتیب: انیس الرحمٰن

ماخذ: ماہنامہ ہمدرد نونہال

پیشن گوئی

برے لوگوں سے کسی بھی اچھائی کی امید رکھنا فضول ہے۔ یہی وجہ تھی جو فیسی لکڑبھگا بری بات کے علاوہ اور کچھ سوچتا ہی نہیں تھا۔ ایک دن اس کے ذہن میں ایک شیطانی خیال آیا کہ کسی طرح جنگل کے جانوروں کو کسی خیالی خوف میں مبتلا کر دے۔ دراصل یہ کوئی انجانا خوف ہی ہوتا ہے جس کی وجہ سے آدمی کبھی ستاروں کی چال دیکھتا ہے، ہاتھ کی لکیریں پڑھواتا ہے اور بہت سے وہموں
کا شکار رہتا ہے اور نجومیوں اور پیشن گوئیاں کرنے والوں کی چاندی ہوتی ہے۔ فیسی نے غالباً کسی انسانی بستی میں جا کر یہ نئی شرارت سیکھی تھی۔ بس جنگل کی آگ کی طرح یہ خبر ہر طرف پھیل گئی کہ فیسی جانوروں کے پنجے دیکھ کر مستقبل کا بتا دیتا ہے۔ خولو خرگوش نے سب کو بہت یقین دلایا کہ فیسی مکار ہے، خوامخواہ بہکا رہا ہے سب کو، مگر کسی نے نہ سنی۔
فیسی ایک درخت کے نیچے بیٹھا تھا۔ اس کے چاروں طرف جانور عقیدت سے دمیں سمیٹے بیٹھے اور اس سے سب درخواست کر رہے تھے کہ وہ ان کے پنجے دیکھ کر قسمت کا حال بتائے اور آنے والے خطروں سے آگاہ کرے۔
فیسی نے بڑے تکبر سے ان سے کہا، "ایک قطار بنا کر آؤ۔ یاد رکھو، میں کوئی فیس نہیں لے رہا ہوں، میرے لیے صرف گوشت کے ٹکڑے لایا کرو، ذائقے دار!"
سب سے پہلے چیتا آگے بڑھا اور اپنا پنجہ اس کی طرف بڑھایا۔
"ہوں!" فیسی نے اسے غور سے دیکھتے ہوئے کہا، "مصیبت سر پر کھڑی ہے۔ آٹھ دن تک گھاس میں چھپے رہو۔ کہیں مت جاؤ۔"
اگلا جانور لنگور تھا۔ فیسی نے اس کا پنجہ دیکھ کر آگاہ کیا، "جس دن درختوں پر بیٹھو گے بجلی گر جائے گی۔ دس دن تک درختوں سے دور رہو۔"
اب ہاتھی کی باری آئی۔ فیسی نے اس کا لمبا چوڑا پیر دیکھ کر کہا، "پندرہ دن گننے مت کھاؤ ورنہ پیٹ کا مرض لگ جائے گا۔"
شیر نے ڈرتے ڈرتے اپنا پنجہ دکھایا۔
فیسی نے اسے بتایا، "جہاں پناہ! آپ کے سر پر خطرے کے خوفناک سائے منڈلا رہے ہیں۔ آپ کو چاہیے ایک مہینے تک گوشت سے پرہیز کریں اور صرف پھل کھائیں۔ ہاں اگر آپ کا دل کرے تو کسی جانور کا شکار کر سکتے ہیں مگر اسے کھا نہیں سکتے۔ اسے کوئی لکڑبھگا کھا لیا کرے گا۔" یہ کہتے ہوئے فیسی نے ہونٹوں پر زبان پھیری۔
دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کی حالت بدل گئی۔ چیتا دن بھر گھاس میں چھپا بیٹھا رہتا۔ لنگور زمین پر مارا مارا پھرتا۔ ہاتھی گنے کو ترستا اور شیر تو فاقے ہی کر رہا تھا۔ وہ پھل کھا ہی نہیں سکتا تھا۔ فیسی نے ان کے دلوں میں خوف بھر کر ان کو چوہوں سے بھی بدتر بنا دیا تھا۔ غیور جانور ڈرے سہمے زندگی سے بیزار رہنے لگے۔ شیر کی حالت سب سے زیادہ خراب تھی۔ وہ ہڈیوں کا پنجر بن کر رہ گیا تھا۔ وہ شکار مارتا تھا، مگر کھانے کی اجازت نہ تھی۔ آخر تمام جانور مل کر خولو خرگوش کے پاس گئے اور اس سے کہا، "ہم کیا کریں خولو؟ اس طرح کیسے زندہ رہیں گے؟"
خولو بولا، "لکڑبھگے کی بات مانتے ہی کیوں ہو؟ وہ بکواس کرتا ہے۔"
"وہ نجومی ہے اور نجومی سچے ہوتے ہیں۔" جانوروں نے یقین دلانا چاہا۔ خولو نے انہیں سمجھایا کہ یہ سب عقیدے کی کمزوری ہے، مگر جانوروں کی سمجھ میں بات نہ آئی۔
آخر خولو نے کہا، "میں خود فیسی کو دیکھتا ہوں۔"
فیسی جانوروں کے پنجے دیکھ کر انہیں خوب ڈرا رہا تھا۔
"میری باتوں پر توجہ کرو۔ میں آنے والے دنوں کو صاف صاف دیکھ سکتا ہوں۔"
خولو نے اچانک پوچھا، "اپنے بارے میں کیا جانتے ہو؟"
فیسی نے اطمینان سے جواب دیا، "میرا پنجہ یہ بتاتا ہے کہ اگلے ایک برس تک موج کروں گا۔ میرے جسم پر خراش تک نہیں آئے گی۔"
خولو بولا، "مگر میرا پنجہ کہتا ہے کہ میں اسی وقت کسی مکار لکڑبھگے کی خبر لوں گا۔"
یہ کہہ کر خولو نے فیسی کے سر پر ڈنڈا جڑ دیا۔ فیسی بیہوش ہو کر گر پڑا۔
خولو بولا، " دیکھو اسے! ایک برس کی بات کر رہا تھا مگر اگلے پل کی خبر نہیں تھی۔ اس کی باتوں پر یقین مت کرو۔
جانوروں کی سمجھ میں بات آ گئی اور وہ فیسی کے ہوش میں آنے کا انتظار کرنے لگے تاکہ اس کی اچھی مرمت کر سکیں۔
٭٭٭
ماہنامہ ہمدرد نونہال، فروری ١٩٩٠ء سے لیا گیا۔

ستاروں کی گنتی

فیسی لکڑبھگا غمگین تھا اور جھلّایا ہوا بھی۔ اس کا مزاج انتہائی خراب تھا۔ اسی لیے اس پر ہر وقت جھلّاہٹ سوار رہتی تھی۔ وہ جنگلی جانوروں سے بہت زیادہ ناراض رہتا تھا۔ کیوں کہ وہ جانتا تھا سب اسے ناپسند کرتے تھے۔ ظاہر ہے اس بدمزاج، بد دماغ اور گندے لکڑبھگے میں ایسی کون سی بات تھی جو اسے پسند کرتا۔ اس کی جھلّاہٹ خصوصاً اس وقت بہت بڑھ جاتی تھی جب اسے خیال آتا تھا کہ کس طرح خولو نے اسے کئی بار بیوقوف بنا کر کسی نہ کسی مصیبت میں پھنسوایا تھا اور ہر بار بری طرح پٹوایا تھا۔ ایک چھوٹے سے بے حقیقت خرگوش نے! کاش وہ عقل سے اس قدر پیدل نہ ہوتا! اس کی دلی تمنّا تھی کہ وہ عقل مند ہوتا خولو کی طرح! کاش اسے عقل کہیں پڑی مل جاتی تو وہ اسے اپنے جبڑوں میں جکڑ لیتا۔
وہ اس قدر جھلّایا ہوا تھا کہ چلتے چلتے جنگلی بھینسے کو منہ چڑا دیا، چیتے کو برا بھلا کہا، ہاتھی کو کوسا اور گدھے کی ٹانگ پر کاٹا۔ گدھے نے فوراً دولتی جھاڑ دی۔فیسی ہوا میں قلابازیاں کھاتا ہوا دھڑام سے دور جا گرا اور دور ہی سے گدھے کو خطرناک قسم کی دھمکیاں دینے لگا۔
جلا بھُنا آگے بڑھا۔ رات ہو چکی تھی۔ اچانک وہ ٹھٹھک کر رک گیا اور آنکھیں پھاڑ کے حیرت سے دیکھنے لگا۔ خولو خرگوش بیچ راستے میں بیٹھا آسمان کی طرف غور سے دیکھتے ہوئے بڑبڑا رہا تھا، "پچاس لاکھ، دس ہزار تین سو دو، پچاس لاکھ، دس ہزار تین سو تین۔"
عجیب بات یہ تھی کہ خولو اسے دیکھ کر بھی نہیں بھاگا۔ اس نے پنجوں سے زمین کھُرچی اور غرایا۔ غرض ہر طرح سے خولو کو اپنی موجودگی سے آگاہ کیا، مگر خولو اسی طرح منہ اوپر اٹھائے تارے گننے میں مشغول رہا۔ فیسی نے دل میں سوچا کہ آخر یہ کیا کر رہا ہے؟ میں چھپ کر دیکھتا ہوں۔ خولو اسی انداز میں گنتا رہا۔
" پچاس لاکھ، دس ہزار تین سو چار۔۔۔۔۔"
اب فیسی اور زیادہ صبر نہیں کر سکتا تھا۔
اس نے نزدیک آ کر پوچھا، "یہ کیا کر رہے ہو خولو؟"
خولو نے اگلا پنجہ اٹھا کر اسے خاموش رہنے کا اشارہ کیا اور گنتا رہا۔
" پچاس لاکھ، دس ہزار تین سو چھے۔۔۔۔۔"
فیسی اور پاس آ گیا اور بولا، "خولو! خولو! یہ کیا گن رہے ہو؟"
خولو نے جھڑک کر کہا، "چھپ رہو بیوقوف! دیکھتے نہیں، میں عقلمند بن رہا ہوں؟"
فیسی کا مارے تجسس سے برا حال تھا، "عقل مند بن رہے ہو! وہ کیسے؟"
خولو نے بڑے غصّے سے اپنا پنجہ جھٹک کر جواب دیا، "ارے جاؤ اپنا کام کرو۔"
فیسی گھگیایا، "بتاؤ نا اے خولو! آخر کس طرح عقلمند بن رہے ہو؟"
"اوہو!" خولو نے عاجز آ کر کہا، "میں ستارے گن رہا ہوں۔ صبح ہونے سے پہلے ہی گنتی ختم کرنی ہے اور پھر میں دنیا میں سب سے زیادہ عقلمند ہو جاؤں گا۔"
فیسی گڑگڑایا، "خولو! میں بھی گنوں تارے؟ مجھے بھی عقلمند بننا ہے۔"
خولو نے جواب دیا، "ایک وقت میں صرف ایک ہی گن سکتا ہے۔ تم پھر کبھی گن لینا۔ اس وقت مجھے گننے دو۔"
فیسی خوشامد پر اتر آیا، "میرے اچھے دوست! تم بعد میں گن لینا۔ آج کی رات مجھے گننے دو۔"
خولو بولا، "ٹھیک ہے، تم ہی گن لو۔ مگر خبردار! گننے میں غلطی نہ ہو اور صبح ہونے سے پہلے تمام تارے گن لینا۔ ورنہ پاگل ہو کر درختوں سے سر ٹکراتے پھرو گے۔"
خولو آہستہ آہستہ چلتا ہوا جھاڑیوں میں چلا گیا۔
دراصل خولو کی ٹانگ میں موچ آ گئی تھی۔ وہ دوڑ نہیں سکتا تھا۔ اسی وقت فیسی سامنے سے آ گیا۔ بس اسے تاروں والی ترکیب سوجھ گئی، ورنہ فیسی اسے کھا ہی جاتا۔
تمام رات فیسی کی عجیب سی کیفیت رہی۔ وہ گنتا پھر بھول جاتا۔ دانت نکال کر اپنے جسم کو کاٹتا، پھر شروع سے گننا شروع کرتا، پھر بھول جاتا۔ پھر زمین پر لوٹ پوٹ ہوتا اور اپنی ہی بوٹیاں نوچتا۔ اسی دوران صبح ہو گئی۔ فیسی نے مایوسی اور غم سے پاگل ہو کر ایک درخت کے تنے سے سر ٹکرا دیا اور بے ہوش ہو گیا۔
٭٭٭
ماہنامہ ہمدرد نونہال، نومبر ١٩٨٩ء سے لیا گیا۔

موت کی وادی

تاروں بھرے آسمان سے چودھویں کا گول مٹول چاند اپنی چاندنی زمین پر برسا رہا تھا۔ جنگل کی طرف سے آنے والی ہوا کے جھونکوں میں جنگلی پھولوں کی خوشبو بسی ہوئی تھی۔ بڑی ہی سہانی اور خوبصورت رات تھی۔
آج کی رات "چولو" گاؤں کے لوگ مہمان بن کر "کھوما" گاؤں آئے ہوئے تھے۔ چودھویں رات کو ایک گاؤں کے لوگوں کا دوسرے گاؤں مہمان بن کر جانا عام بات تھی اور یہ دستور برسوں سے چلا آ رہا تھا۔
کھانے کے بعد لڑکیاں ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر جھوم جھوم کے ناچنے لگیں۔ لڑکے اچھل کود اور دوسرے کھیلوں میں مصروف ہو گے۔ عورتیں جھونپڑیوں کے سامنے بیٹھ گئیں اور مرد جھیل کے کنارے بیٹھ کر باتیں کرنے لگے۔
اچانک مہمان گاؤں کے سردار نے گاؤں کے دو لڑکوں جمّا اور چروا سے کہا، "میرے بچوں! تمہاری بہادری کے کارناموں کی داستانیں "چولو" تک پہنچ چکی ہیں۔ تم نے بڑے حوصلے کے کام انجام دیے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ تمھاری دلیری کا کوئی واقعہ تمہاری زبان سے سنوں۔"
"ہاں، ہاں، کوئی دلچسپ واقعہ سناؤ۔" سب لوگ ایک ساتھ بول اٹھے۔
جمّا نے الاؤ میں سے کرید کر ایک آلو نکالا اور اسے پھونکیں مار کر ٹھنڈا کرتے ہوئے بولا، " ایک بار میں اور چروا ایک ہرن کا پیچھا کر رہے تھے۔ ہرن بہت تیز رفتار جانور ہوتا ہے، مگر ہم اس کے کھروں کے نشانوں کے سہارے آگے بڑھتے رہے۔ آخر ہم ایک گاؤں پہنچے۔ وہاں کے مکھیا نے ہمارا شاندار استقبال کیا اور ہمیں کھانا کھلایا۔
عجیب بات یہ تھی کہ گاؤں والے بہت سہمے ہوئے تھے اور گاؤں پر اداسی چھائی ہوئی تھی۔ جب ہم نے اس کی وجہ پوچھی تو مکھیا نے بتایا کہ پہاڑ کے نیچے گھنے جنگلوں میں ایک بہت بڑی وادی ہے۔ گاؤں والے اس وادی میں "کاسوا" کی جڑیں ڈھونڈنے جایا کرتے ہیں۔ مگر کچھ دنوں سے اس وادی میں جانے والے واپس لوٹ کر نہیں آتے۔ گاؤں والوں کا خیال ہے کہ یا تو کوئی جنگلی درندہ انھیں کھا جاتا ہے یا پھر بھوت پریت انھیں پکڑ لیتے ہوں گے۔ اس خوف کی وجہ سے اب کوئی اس وادی کا رخ نہیں کرتا۔ وہ موت کی وادی ہے مگر مشکل یہ ہے کہ "کاسوا" کی جڑیں صرف اسی وادی میں ملتی ہیں اور وہی گاؤں والوں کی خاص غذا ہے۔ اس لیے گاؤں والے اکثر بھوکے ہی رہ جاتے ہیں۔ مکھیا نے بتایا کہ میں خود پریشان ہوں کہ کیا کروں!
میں نے مکھیا سے تو نہیں کہا کہ بھوت پریت کا کوئی وجود نہیں۔ ہاں، چروا سے کہا کہ ہم چپ چاپ موت کی وادی میں ضرور جائیں گے۔ چروا ہمیشہ کی طرح گھبرا گیا مگر جب میں نے اکیلے جانے کی دھمکی دی تو تیار ہو ہی گیا۔
اگلے دن ایک آدمی نے بھوک سے تنگ آ کر موت کی وادی میں جانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ میں اور چروا بھی چپکے چپکے اس کے پیچھے چل پڑے۔
ہم نے اسے وادی میں اترتے دیکھا۔ ڈھلان پر بہت سے درخت اور پودے تھے، اس لیے نیچے اترنا زیادہ مشکل نہ تھا۔ آخر ہم اس حسین وادی پہنچ گئے۔ وہاں شفاف پانی کی ایک چھوٹی سی ندی بہہ رہی تھی۔ وہاں طرح طرح کے جانور اور پرندے تھے۔ ہم دونوں ایک درخت پر چڑھ کر اس آدمی کو دیکھنے لگے۔ وہ آدمی اس وقت جھاڑیوں کے پاس سے گزر رہا تھا کہ اچانک چار آدمی جھاڑیوں سے نکل کر اس پر ٹوٹ پڑے۔ اس نے بہت ہاتھ پیر مارے مگر حملہ آوروں نے اسے رسی سے جکڑ کر ساتھ لیا اور جھاڑیوں میں غائب ہو گئے۔ ہم دونوں نے ان کا پیچھا کرنا چاہا مگر گھنی جھاڑیوں کی وجہ سے نہ کر سکے۔ ہم، بڑی اداسی کے ساتھ گاؤں واپس آئے۔ گاؤں کا ایک اور آدمی کم ہو چکا تھا۔
اس رات مجھے نیند نہیں آئی۔ میں سوچتا رہا۔ اچانک ایک خیال میرے ذہن میں آیا۔ میں نے سوچا کہ وہ لوگ صرف غلاموں کو پکڑنے والا ہوں گے۔ ان کی تعداد کم ہو گی۔ اسی لئے گاؤں پر حملہ کرنے کے بجائے چوری چھپے لوگوں پر حملہ کر رہے ہیں۔ ان کا پتا لگانے کے لئے ہمیں ایک چال چلنی ہو گی۔ میں نے ذہن میں ایک منصوبہ بنایا اور پوری بات چروا کو بتا دی۔
اگلے دن میں نے اپنا بھالا اٹھایا، ایک رسی اور چاقو لے کر چروا کے ساتھ وادی کی طرف چل پڑا۔ گاؤں والے یہ سمجھے کہ ہم شکار کھیلنے جا رہے ہیں۔ وادی میں اترنے سے پہلے میں نے چروا کے دونوں ہاتھ رسی سے اس کی کمر کے پیچھے باندھ دیے اور اس کی پیٹھ سے بھالے کی نوک لگا کر اس کے پیچھے پیچھے چلنے لگا۔
جب ہم جھاڑیوں کے پاس سے گزرے تو وہی چاروں آدمی جھاڑیوں میں اچانک نکل کر سامنے آ گئے۔
ان میں سے ایک نے پوچھا، "کہاں لے جا رہے ہو اسے؟ کون ہو تم؟"
میں نے لاپروائی سے جواب دیا، "دیکھتے نہیں، غلام پکڑنے والا ہوں۔ میں ایک گاؤں کے بارے میں جانتا ہوں جس میں اس جیسے سینکڑوں جوان ہیں۔ وہ منڈی میں مہنگے بکیں گے، مگر چونکہ میں اکیلا ہوں اس لیے ایک وقت میں ایک ہی غلام پکڑتا ہوں۔"
انہوں نے چروا کے مضبوط جسم کو دیکھا تو ان کے منہ میں پانی بھر آیا۔ کہنے لگے، "لڑکے تیری عمر ابھی اتنی نہیں کہ تو غلام پکڑے۔ ہمارے ساتھ مل کر کام کر اور ہمیں وہ گاؤں بتا دے۔ ہم ایسے بہت سے جوان پکڑ لیں گے اور ہمارے ساتھ تو بھی امیر ہو جائے گا۔ دیکھ! ہم کل پانچ ساتھی ہیں۔ ہم میں سے چار غلام پکڑتے ہیں اور پانچواں ان کی نگرانی کرتا ہے۔ تو ہمارا چھٹا ساتھی بن جا۔"
میں راضی ہو گیا۔ وہ ہمیں لے کر اپنے خفیہ جگہ پہنچے جہاں ایک جھونپڑی میں آٹھ غلام پڑے تھے۔ ان کا پانچواں ساتھی پہرا دے رہا تھا۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ جیسے ہی ہم دس غلام پکڑ لیں گے فوراً منڈی کا رخ کریں گے۔
میں نے چروا کو بھی جھونپڑی کے اندر دھکیل دیا۔
پانچوں بہت خوش تھے۔ انہوں نے بھنے ہوئے ہرن کے گوشت سے میری تواضع کی۔ پھر مجھے بتانے لگے کہ وہ وادی میں آنے والوں کو کس طرح پکڑتے ہیں۔
وہ یہ بات نہیں جانتے تھے کہ چروا کے ہاتھوں میں بندھی ہی رسی کی گانٹھیں ڈھیلی ہیں اور اس کے پاس چاقو بھی ہے۔ غلاموں کے لئے جو جھونپڑی تھی، اس کے باہر ہی وہ سب سوتے تھے۔
تھوڑی دیر بعد وہ چاروں خرّاٹے لینے لگے اور جو پہریداری کرنے والا پانچواں آدمی تھا وہ بھی سوگیا۔ میں نے سب سے پہلے ان کے بھالے اٹھائے اور انھیں لے کر دبے پاؤں جھونپڑی کے پیچھے چلا گیا۔ میں نے بھالوں کو جھونپڑی کے اندر سرکا دیا۔ اتنی دیر میں چروا اپنی رسی کھول کر وہاں بندھے ہوئے دوسروں غلاموں کو بھی آزاد کر چکا تھا۔ ان کے پاس بھالے بھی آ گئے تھے۔ وہ سب باہر نکلے اور اچانک ہی ان پانچوں پر ٹوٹ پڑے اور ذرا سی دیر میں ان سب کو رسیوں سے باندھ دیا۔
جب ہم آٹھوں گاؤں والوں اور پانچ پکڑنے والوں کو لے کر گاؤں آئے تو وہاں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ہمیں لوگوں نے کندھوں پر بٹھا کر رقص کیا اور ہماری خوب خاطر کی۔ وہ چاہتے تھے کہ ہم ان کے گاؤں ہی میں رہیں، مگر ہم وہاں چار دن ان کے ساتھ جشن منانے کے بعد واپس لوٹ آئے۔"
جمّا نے داستان ختم کی۔ لوگ پیار اور رشک بھری نظروں سے ان دونوں بہادر لڑکوں کی طرف دیکھ رہے تھے۔
چاندنی رات اور حسین ہو گئی تھی۔ دور جنگل میں درندوں کی آوازیں گونج رہی تھیں۔ الاؤ کی آگ ٹھنڈی ہو چلی تھی۔
٭٭٭
ماہنامہ ہمدرد نونہال، مارچ ۱۹۸۹ء سے لیا گیا۔

کھومبے کی شکست

جھرّیوں بھرے چہرے والا بوڑھا جادوگر قبیلے والوں سے بار بار یہی کہتا تھا، "خبردار! جو تم میں سے کسی نے جھیل کے اس پار قدم رکھا! اگر تم میں سے کوئی ادھر گیا تو وہ خود بھی دردناک موت مرے گا اور قبیلے کو بھی تباہ کر دے گا۔ جھیل کے اس پار بری روحوں اور خوفناک بلاؤں کا مسکن ہے۔ وہاں جا کر تم انہیں طیش دلا دو گے اور وہ تمہاری دشمن ہو جائیں گی۔ تم نہیں جانتے کتنی بھیانک چیزیں ہیں وہاں۔ راتوں کو وہاں جنگل میں بد روحیں ہوا کے جھونکے بن کر کانٹے دار جھاڑیوں میں سرسراتی ہیں۔ ہمارے قبیلے کا کوئی مرد کبھی جھیل کے اس پار نہیں گیا۔"
قبیلے والوں کے دلوں میں ایسا خوف بیٹھ گیا تھا کہ وہ کبھی خواب میں بھی اس پار جانے کا نہیں سوچتے تھے۔
جمّا اور چروا گاؤں کے دو بہادر لڑکے تھے اور آپس میں گہرے دوست تھے۔ ان کی فطرت میں تجسّس بہت تھا۔ وہ جھیل کے اس پار جا کر جاننا چاہتے تھے کہ وہاں کیا ہے۔ بد روحوں اور بری بلاؤں کے وہ قائل نہ تھے۔ ان کی بستی جھیل کے کنارے پر آباد تھی۔ جھیل کیا تھی، سمندر سا تھا۔ اس کا دوسرا کنارہ چالیس میل دور تھا۔ کشتی کے ذریعے سے بھی اتنا لمبا سفر خطرے سے خالی نہ تھا۔ دور تک پھیلا ہوا جھیل کا پانی موجیں مارتا تھا۔ کبھی کبھار بستی والوں نے دور بہت دور جھیل میں رنگین حرکت کرتے ہوئے دھبے بھی دیکھے تھے۔ نجانے وہ بری روحیں تھیں یا اجنبی کشتیاں۔
آخر ان دونوں دوستوں نے جھیل کے اس پار جانے کا فیصلہ کر ہی لیا۔
وہ جھیل کے کنارے ایک کشتی بنانے لگے۔ گاؤں والوں نے بہت منع کیا، بد روحوں کا خوف دلایا، دھمکایا، مگر انہوں نے پروا نہ کی۔
وہ یہی جواب دیتے تھے، "بد روحوں کا کوئی وجود نہیں ہوتا۔ اگر اس پار بد روحیں ہیں تو پھر انھیں چھلانگ لگا کر یہاں آنے سے کون روک سکتا ہے؟ ہم خود وہاں جا کر ان بے بنیاد وہموں کا پردہ چاک کریں گے۔ ہم ضرور جائیں گے۔"
اس کی خبر جادوگر کھومبے کو بھی ہو گئی۔ اسے بہت غصّہ آیا۔ وہ آ کر لڑکوں کو ڈانٹنے لگا، "نادان لڑکو! تم اس پار نہیں جا سکتے۔ تمھاری کشتی راستے ہی میں ٹوٹ جائے گی۔ یہ میری پیشگوئی ہے۔ جھیل کے پار جانا قبیلے کے دستور کے خلاف ہے۔"
کھومبے دھمکیاں دیتا رہا۔ برے انجام سے ڈراتا رہا، مگر دونوں کو یقین تھا کہ وہ اس پار ضرور پہنچیں گے۔
مقررہ دن بعد جب دونوں دوست کشتی میں بیٹھ کر لمبے سفر پر روانہ ہونے والے تھے تو کنارے پر لوگوں کا ہجوم تھا۔ ان سب کو یقین تھا کہ کشتی ضرور ڈوب جائے گی، کیوں کہ جادوگر کی یہی پیشگوئی تھی۔ کھومبے بھی وہیں موجود تھا۔ اس کا چہرہ غصّے سے سرخ ہو رہا تھا۔ وہ ہاتھ اٹھا کر کچھ بدبدا رہا تھا۔
کشتی کنارے سے روانہ ہوئی۔ بستی والوں کے دل دھڑک رہے تھے۔ اچانک کشتی ڈوبنے لگی۔ دونوں نے فورا جھیل میں چھلانگ لگا دی اور تیر کر کنارے پر آ گئے۔ کشتی ڈوب گئی۔ کھومبے قہقہہ لگا کر کہہ رہا تھا، "ارے بہادرو! تم گئے نہیں اس پار؟ کشتی ڈوب گئی؟ ہا ہا ہا!"
وہ خاموش رہے۔ اگلے دن انہوں نے کشتی پانی سے باہر نکالی۔ انہیں جادوگر کی پیشگوئی پر ذرا بھی یقین نہ تھا، مگر وہ کشتی ڈوبنے کا سبب معلوم کرنا چاہتے تھے اور وہ سبب انہیں مل گیا۔ کشتی کے پیندے میں ایک سوراخ تھا، انسانی ہاتھوں کا بنایا ہوا۔
وہ مسکرا دیے اور دل میں کہا، "تو یہ ہے تمہاری پیشگوئی کی سچائی کا راز! ہم بھی دیکھتے ہیں تم کتنی بار سوراخ کرتے ہو کھومبے!"
اس بار دونوں دوستوں نے کشتی کو لمحہ بھر کے لئے بھی اکیلا نہ چھوڑا۔ وہ بڑی محنت سے کشتی کی مرمّت کرنے لگے۔
تین دن بعد پھر کنارے پر لوگ جمع ہوئے۔ وہ آپس میں کہہ رہے تھے، "ان دونوں کی عقل ماری گئی ہے۔"
"کھومبے کی پیشگوئی کی سچائی دیکھ چکے ہیں، پھر بھی اپنی ضد سے باز نہیں آتے۔"
"اس بار ان کا زندہ بچنا ناممکن ہے۔"
"کشتی تباہ ہو جائے گی۔"
"جھیل کے اس پار جانا گناہ ہے۔ ہمارے بزرگوں میں سے کوئی ادھر نہیں گیا۔"
"وہاں بھیانک بلائیں ہیں۔"
"کھومبے یہ سب کچھ دیکھ سکتا ہے۔ اس کی بوڑھی آنکھیں جھیل کے پار دیکھ سکتی ہیں، وہ ان دیکھی بلاؤں کو دیکھ سکتا ہے۔"
"اس کا علم بہت بڑا ہے۔"
کشتی کنارا چھوڑ کر پانی میں دھیرے دھیرے تیرنے لگی۔ بستی والے دم سادھے دیکھ رہے تھے۔ وہ جانتے تھے کہ کسی بھی لمحے کشتی ٹوٹ کر ڈوبنے والی ہے۔ تین دن پہلے کا منظر ان کی نگاہوں میں گھوم رہا تھا۔ کھومبے جادوگر سب سے الگ تھلگ اداس کھڑا سوچ رہا تھا، "نہیں، نہیں اس بار کشتی نہیں ڈوبے گی۔ پچھلی بار میں نے چپکے سے اس کے تلے میں سوراخ کر کے مٹی سے بھر دیا تھا تاکہ وہ نظر نہ آئے۔ پانی میں مٹی گھل گئی اور سوراخ کھل گیا۔ اس بار موقع ہی نہیں مل سکا۔ یہ بہادر لڑکے اس پار ضرور پہنچیں گے۔"
لوگ آپس میں کہہ رہے تھے، "تم دیکھنا، بس کشتی ڈوبنے والی ہے۔"
مگر جادوگر سوچتا رہا، "کشتی سلامت رہے گی۔ یہ لڑکے اس پار جا کر مہذب لوگوں سے عقل کا سبق لیں گے، ان سے علم حاصل کریں گے اور پھر دور دراز علاقوں سے اجنبی یہاں آنے لگیں گے۔ نئی تہذیب اور نئے خیالات لے کر۔ نئی روشنی اور نئی زندگی لے کر۔ میرے بزرگوں نے ڈرا دھمکا کر ان لوگوں کو دوسرے کنارے سے دور ہی رکھا تاکہ یہاں ہم جادوگروں کی حکمرانی رہے، مگر اب میں زیادہ دیر انہیں جہالت اور وہموں کے اندھیرے میں نہیں رکھ سکتا۔ ہم جادوگروں کا دور ختم ہو رہا ہے۔ اب علم و عقل کی روشنی یہاں بھی آ جائے گی۔ پرانے خیالات کی جگہ نئے خیالات کا دور دورہ ہو گا۔ اس نئے زمانے میں مجھ جیسے جھاڑ پھونک کرنے والے جادوگروں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ الوداع، اے بستی والو! میں جا رہا ہوں۔"
اس نے بھیگی ہوئی آنکھیں پوچھیں اور دھیرے دھیرے قدم اٹھا تا ہوا جنگل میں گم ہو گیا۔
٭٭٭
ماہنامہ ہمدرد نونہال، جنوری ۱۹۹۱ء سے لیا گیا۔
ٹائپنگ: انیس الرحمٰن
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

موت کی وادی اور دوسری کہانیاں