دین و مذہب

موت کیا ہے؟ (بُشْرَی الکَئِیْبْ بِلِقَاءِ الحَبِیْبْ)

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (21,723 الفاظ)

بُشْرَی الکَئِیْبْ بِلِقَاءِ الحَبِیْبْ

موت کیا ہے؟

-: تالیف :- امام جلال الدین سیوطی -متوفی ۹۱۱ھ-

-:ترجمہ و تحقیق :-
محمد اَفروز قادری چریاکوٹی
دلاص یونیورسٹی، کیپ ٹاؤن، ساؤتھ افریقہ
تصویب : علامہ محمد عبد المبین نعمانی قادری -مد ظلہ النورانی-

(آغازِ ترجمہ: ۱۳؍ربیع الآخر ۱۴۳۰ھ ،بروز پنجشنبہ -مطابق: ۹؍ اپریل ۲۰۰۹ء)
(تکمیل ترجمہ: ۲۱؍ ربیع الآخر ۱۴۳۰ھ، بروز جمعہ- مطابق: ۱۷؍ اپریل ۲۰۰۹ء)

تقریظ جمیل

مفکراِسلام مصلح اُمت حضرت علامہ مولانا محمد عبد المبین نعمانی قادری -مدظلہ العالی-

آج کل آدمی موت سے گھبراتا ہے بلکہ موت کے نام سے بھی کراہت کرتا ہے، یہ ایمان کی کمزوری کی علامت ہے۔ بندۂ مومن تو بخوشی موت کا اِستقبال کرتا ہے۔ شاعر مشرق اِقبال کہتے ہیں ؎
نشانِ مردِ مومن بہ تو گویم
چوں موت آید تبسم بر لب اوست
لہٰذا مومن کو تو موت سے ڈرنا ہی نہیں چاہیے۔ ہاں ! اگر ڈرنے کی وجہ یہ ہے کہ اَعمال نامے سیاہ ہیں ، حساب و کتاب کا خوف دامن گیر ہے تب بھی ڈرنے سے فائدہ نہیں کہ موت تو اپنے وقت پر آنی ہے، ڈرنے سے ٹل نہ جائے گی۔ ارشادِ ربانی ہے :
اِذَا جَاءَ اَجَلُہُمْ فَلاَ یَسْتَاْخِرُونَ سَاعَۃً وَّلاَ یَسْتَقْدِمُونَ o (سورۂ یونس:۱۰؍۴۹)
جب اُن کا وعدہ (موت کا)آئے گا تو ایک گھڑی نہ پیچھے ہٹیں نہ آگے بڑھیں۔
اور فرماتا ہے :
اَیْنَ مَا تَکُونُوا یُدْرِکْکُمُ المَوتُ وَلَوکُنْتُمْ فِی بُرُوجٍ مُّشَیَّدَۃٍo (سورۂ یونس:۱۰؍۴۹)
تم جہاں کہیں ہو موت تمہیں آلے گی اگرچہ مضبوط قلعوں میں ہو۔
کرنے کا کام یہ ہے کہ آدمی اپنے نامہ اَعمال کی فکر کرے،اس میں جو گناہوں کی سیاہیاں ہیں ان سے خوف زدہ ہو اور اِنابت و توبہ سے اس کے اندر روشنی پیدا کرنے کی کوشش کرے، اور یہ سوچتا رہے کہ موت کا وقت تو معین ہے ، لیکن ہمیں معلوم نہیں ، تو وہ کب آ جائے اور اپنے چنگل میں دبوچ لے اس کی کسی کو خبر نہیں۔ لہٰذا جلد توبہ کر کے آخرت کی سرخروئی حاصل کر لینی چاہئے، تاکہ جب موت آئے تو حسرت ویاس کا شکار نہ ہونا پڑے، بلکہ لبوں پر تبسم ہو، چہرہ خنداں و شاداں ہو، اور موت کو بخوشی گلے لگانے کا جذبۂ بے کراں دلوں میں موجزن ہو۔
زیر نظر کتاب ’’موت کیا ہے؟‘‘ مومن کو موت سے بے خوف کرنے والی اور طرح طرح کی بشارتیں سنانے والی کتاب ہے، جسے پڑھ کر ایک طرف تو دلوں کی مرجھائی ہوئی کلیاں کھل اُٹھتی ہیں تو دوسری طرف عمل نیک کا جذبہ بھی بیدار ہو جاتا ہے، اور موت کا خوف دور ہو کر موت کو گلے لگانے کا شوق پیدا ہو جاتا ہے۔
اس کتاب کو بار بار پڑھنا چاہیے اور جو نہ پڑھ سکیں ان کو سناناچاہیے۔ یہ علامہ جلال الدین سیوطی علیہ الرحمہ-متوفی ۹۱۱ھ- کی کتاب ’بشری الکئیب بلقاءِ الحبیب‘‘ کا سلیس ترجمہ ہے۔ اس میں شامل بہت سی اَحادیث کی مترجم نے تخریج کر دی ہے۔ اس سلسلے میں مترجم مولانا محمد افروز قادری چریاکوٹی تحسین کے مستحق ہیں کہ ’موت کے تعلق سے ایک اچھی کتاب کو اُردو کا جامہ پہنادیا ہے۔
مولیٰ عزوجل اسے شرفِ قبول عطا فرمائے اور پڑھنے والوں کو عبرت وسبق لینے کی توفیق دے۔ آمین بجاہ سید المرسلین علیہ و آلہ الصلوٰۃ والتسلیم۔

محمد عبدالمبین نعمانی قادری
المجمع الاسلامی، ملت نگر،مبارکپور، اعظم گڑھ
۱۰؍محرم الحرام ۱۴۳۲ھ/۱۷؍دسمبر۲۰۱۰ء، جمعہ مبارکہ

عرضِ حال

حضرت امام جلال الدین سیوطی -رحمہ اللہ و رضی عنہ- اُمت مسلمہ کے اُن جلیل القدر فرزندوں میں ہیں جن کے احسانات صبح قیامت تک دنیا یاد رکھے گی۔ مختلف موضوعات پر روشنی ڈالتی آپ کی کتابیں صدیوں سے بنی نوعِ انساں کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتی چلی آ رہی ہیں۔ وہ اپنی کتابوں کی سطروں میں آج بھی ویسے ہی زندۂ جاوید ہیں جیسے کل اپنے عہد مسعود میں ، اور -ان شاء اللہ- اپنی بے پایاں خدمات دین کے حوالے سے کل بھی مرنے نہ پائیں گے۔
آپ کی طبع ِوقاد نے ہر موضوع پر خراجِ تحسین وصول کیا۔ اتنی معمولی سی عمروں میں حیرت ہے کہ ہمارے اَسلاف نے اَسباب کی عدم فراہمی کے باوجود کتنا کچھ کر دکھایا اور آج ہزارسہولتیں ہونے کے با وصف ان کے جیسا کچھ بھی نہیں ہو پا رہا۔ یقیناً اُن پر اللہ کا بڑا فضل تھا جس نے اُن سے اِتنا کچھ کرا لیا،اور یہ فضل الٰہی ان کے خلوص و اِطاعت کا ثمرہ تھا جس سے آج ہم محروم ہیں۔
وہ نیک تھے،اچھے تھے، سچے تھے۔ہم بد ہیں ، برے ہیں۔ اُن کا ظاہر و باطن یکساں تھا اور ہمارے ظاہر و باطن میں کھلا فرق ہے۔ وہ جو کہتے تھے وہی کرتے تھے اور ہم جو کہتے ہیں ٹھیک اُس کا اُلٹ کرتے ہیں۔ ان کی ظاہری آنکھیں بھی پر نور تھیں اور باطنی آنکھیں بھی بینا تھیں ، مگر ہم ظاہراً لاکھ انکھیارے سہی ، دل سیاہ اور اندھے ہو گئے ہیں۔ روح کی بستی اُجڑ گئی ہے۔فکر و نظر کی قوتیں بانجھ ہو گئی ہیں۔ عمل کے لیے اَعضا و جوارح شل ہو گئے ہیں۔ عارضی گھر (دنیا)کے لیے تو ہم سب کچھ کر بیٹھتے ہیں مگر دائمی ٹھکانا (آخرت) کے لیے ایک ذرا نہیں ہو پاتا۔ آج ہم بندۂ زر ہو کر رہ گئے ہیں ،اور وہ بے نیازِ زر تھے،انھوں نے دنیا کے لیے اسے اُتنا ہی برتا جتنا چاہیے تھا۔
کاش! ہم بھی اپنے تن من سے مسلمان ہو جاتے۔قول و عمل میں یگانگت لاتے۔ ظاہر کے ساتھ باطن کی آنکھیں بینا کرنے کی فکر کرتے۔روح کے تقاضے پورے کرتے۔دل کی ویران بستی آباد کرتے ،نفس وزن و زر کو محض دنیا برتنے تک محدود رکھتے تو یقیناً ہم بھی فضل مولا کی رسی تھامنے میں کامیاب ہو جاتے اور توفیق ایزدی ہمارے رفیق سفر ہو جاتی-اللہ اپنی توفیق خاص سے نوازے-آمین۔
یہ کتاب فکر آخرت کی لو تیز کرنے کی ایک کڑی ہے، اور دنیا برتنے کا سبق دیتی ہے۔ نیز اِس دنیا سے چل چلاؤ کے وقت مومن کن کن نعمتوں اور انعامات سے بہرہ ور کیا جاتا ہے ان پر روشنی بھی ڈالتی ہے۔مرنا چوں کہ ہر ایک کو ہے اس لیے یہ کتاب ہر کسی کے مطالعہ سے گزرنا چاہیے اور اپنی زندگی و موت کی کنہ و حقیقت سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔کائنات کی بقیہ چیزوں میں اختلاف کے شوشے تو نکال لیے جاتے ہیں ، مگر جگ جگ روشن ہے کہ بس موت ہی ایک ایسی حقیقت ہے جس کی بابت کیا مولوی،کیا حکیم، کیافلسفی،کیا منطقی کسی کو کبھی کوئی اختلاف نہیں رہا ہے۔
اس کتاب میں کیا کچھ پنہاں ہے وہ تو اس کے مطالعہ کے دوران آپ پر خود منکشف ہو جائے گا، تاہم ہم نے متن کا سلیس و رواں ترجمہ کرنے کے ساتھ ساتھ آیات و احادیث کے علاوہ بزرگانِ دین کے اقوال اور اشعار کو اصل عربی زبان میں درج کرنے کی بھی سعی کی ہے تاکہ اُن کی نورانیت و برکت قائم رہنے کے ساتھ ساتھ عربی اَدب سے شغف رکھنے والوں کے ذوق و شوق کی تسکین کا سامان بھی ہوسکے -اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو-

طالب عفو و کرم
اَبو رفقہ محمد افروز قادری چریاکوٹی
دلاص یونیورسٹی، کیپ ٹاؤن،جنوب افریقہ…۲۲؍ربیع الآخر۱۴۳۰ھ،مطابق:۱۸؍اپریل ۲۰۰۹ء

بسم اللہ الرحمن الرحیم

مقدمہ از مؤلف

الحمد للّٰہ وکفیٰ و سلامٌ علی عبادہِ الذینَ اصطفیٰ۔

اس کتاب کو میں نے ’’بشری الکئیب بلقاء الحبیب‘‘ کے نام سے موسوم کیا ہے، اور درحقیقت یہ اَحوالِ برزخ سے متعلق میری تحریر کردہ ایک دوسری ضخیم کتاب کی تلخیص ہے۔ اِس کتاب میں میں نے اُن بشارتوں اور مژدہائے جاں فزا کو اِکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے جو اِکرام و مبارک باد کے طور پر مردِ مومن کو اِس دنیائے فانی سے کوچ کرتے وقت ، اور اُس کی قبر میں پیش کی جاتی ہیں۔ اور اللہ ہی توفیق دینے والا ہے۔

موت حیات سے بہتر ہے

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
تحفۃ المؤمن الموت۔ (۱)
یعنی ایک مردِ مومن کے لیے موت بہترین تحفہ ہے۔
(حواشی کتاب کے آخر میں دئے گئے ہیں)
حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
الموت ریحانۃ المؤمن۔ (۲)
یعنی موت مومن کے لیے کسی پھول (یاگلدستہ )کی مانند ہے (جو تحفہ کے طور پر کسی کو پیش کیا جاتا ہے)۔
ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہاسے مروی کہ آقائے کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
الموت غنیمۃ المؤمن۔
موت اہل ایمان کے لیے کسی غنیمت سے کم نہیں ہوتی۔
حضرت عبد اللہ بن عَمرو ابن العاص سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
الدُّنْیَا سِجْنُ المُؤمِنِ وَ سَنَتُہُ، فَإذَا فَارَقَ الدُّنیَا فَارَقَ السِّجْنَ وَ السَّنَۃَ۔ (۳)
یعنی دنیا مومن کے لیے قید خانہ اور قحط زدہ مقام کی مانند ہے، تو جب وہ دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو گویا اسے قید خانہ اور مقام خشک سالی سے رہائی مل جاتی ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
الدنیا جنۃ الکافر و سجن المؤمن، و إنما مثل المؤمن حین تخرج نفسہ کمثل رجل کان في سجن فأخرج منہ، فجعل یتقلب في الأرض و یتفسح فیہا۔
یعنی دنیا کافر کی جنت اور مومن کا جیل ہے۔اور ایک مردِ مومن کی روح ایسے ہی نکلتی ہے جیسے کہ کسی کو جیل سے رہا کیا جا رہا ہو، پھر وہ (ناز سے) زمین پر لوٹنے لگتی ہے اور آزادی سے سیروسیاحت کرتی ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مزید فرمایا :
الدنیا سجن المؤمن، فإذا مات یخلی سربہ یسرح حیث یشاء۔
یعنی دنیا چونکہ مومن کا قید خانہ تھی،پس جب وہ مردِ مومن انتقال کر جاتا ہے تو دنیا کے چنگل سے آزاد ہو کر جہاں چاہتا ہے سیرکرتاپھرتا ہے۔
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
الموت تحفۃ لکل مسلم۔
یعنی موت ہرمسلمان(مردو عورت) کے لیے ہدیہ و تحفہ ہے۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
الموت کفارۃ لکل مسلم۔
یعنی موت ہر مسلمان(مردو عورت کے گناہوں کا )کفارہ بن جاتی ہے۔
حضرت ربیع بن خیثم فرماتے ہیں :
ما من غائب ینتظرہ المؤمن خیر لہ من الموت۔
یعنی ایک مردِ مومن کے لیے موت کے انتظار سے زیادہ بہتر کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔
حضرت مالک بن مغول نے فرمایا :
بلغني أن أول سرور یدخل علی المؤمن الموت، لما یری من کرامۃ اللّٰہ تعالیٰ و ثوابہ۔
یعنی (معتبر ذرائع سے )مجھ تک یہ بات پہنچی ہے کہ مومن کا دِل سب سے پہلے جس مسرت و سرورکو محسوس کرے گا وہ موت ہو گی، کیوں کہ وہ اس کے بعد اللہ کی نعمت و کرامت اور اس کے اَجر و ثواب کو ملاحظہ کرے گا۔
حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
لیس للمؤمن راحۃ دون لقاء اللّٰہ۔
یعنی ایک مردِ مومن کو اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے ملاقات کیے بغیر راحت و چین میسر ہی نہیں آسکتا۔
حضرت ابو درداء رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
ما من مؤمن إلا و الموت خیر لہ، و ما من کافر إلا و الموت شر لہ، فمن لم یصدقني فإن اللّٰہ تعالیٰ یقول: وَ مَا عِنْدَ اللّٰہِ خَیْرٌ لِلأبْرَارِ (۴) ۔ و یقول: وَ لاَ یَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوا أنَّمَا نُمْلِي لَہُمْ خَیْرٌ۔ (۵)
یعنی موت ہر مومن کے لیے سوغاتِ خیر ہے، اور ہر کافر کے لیے سامانِ شر ہے۔اگرکسی کو میری اس بات سے اتفاق نہیں تو(کوئی بات نہیں ) فرمانِ باری تعالیٰ دیکھیں : ’’جو کچھ بھی اللہ کے پاس ہے وہ نیک لوگوں کے لیے بہت ہی اچھا‘‘ نیز ارشاد ہوا : ’’اور کافر یہ گمان ہر گز نہ کریں کہ ہم جو انھیں مہلت دے رہے ہیں (یہ) اُن کی جانوں کے لیے بہتر ہے‘‘۔
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ ارشاد فرماتے ہیں :
ما من بر و لا فاجر إلا و الموت خیر لہ من الحیاۃ، إن کان برا، فقد قال اللّٰہ تعالیٰ :وَ مَا عِنْدَ اللّٰہِ خَیْرٌ لِلأبْرَارِ (۱) و إن کان فاجرا، فقد قال اللّٰہ تعالیٰ : وَ لاَ یَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوا أنَّمَا نُمْلِي لَہُمْ خَیْرٌ لأنْفُسِہِمْ إنَّمَا نُمْلِي لَہُمْ لِیَزْدَادُوا إثْماً وَ لَہُمْ عَذَابٌ مُّہِیْنٌ o ( ( ۷، ۶)
یعنی موت ہر کسی کے لیے اس کی زندگی سے بہتر ہے چاہے وہ نیکو کار ہو یا بدکار۔اگر وہ نیکوکار ہے توپھراس کے لیے اس ارشادِ خداوندی میں مژدہ ہے: ’’جو کچھ بھی اللہ کے پاس ہے وہ نیک لوگوں کے لیے بہت ہی اچھا‘‘۔ اور اگر بدکار ہے تو پھر اس کے لیے ا س فرمانِ الٰہی میں تنبیہ ہے :’’ اور کافر یہ گمان ہر گز نہ کریں کہ ہم جو انھیں مہلت دے رہے ہیں (یہ) اُن کی جانوں کے لیے بہتر ہے،ہم تو(یہ) مہلت انھیں صرف اس لیے دے رہے ہیں کہ وہ گناہوں میں اور بڑھ جائیں اور ان کے لیے (بالآخر) ذلت آمیز عذاب ہے‘‘۔
حضرت ابو مالک اشعری سے مروی کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
اللّٰہُمَّ حَبِّبِ المَوتَ إلَی مَنْ یَعْلَمُ أنِّي رَسُولُکَ۔ (۸)
یعنی اے پروردگار! جسے میری رسالت پر ایمان و یقین ہے اس کے دل میں موت کی محبت جاں گزیں فرما دے۔
حضرت انس بن مالک سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن حفظت وصیتي فلا یکون شیء أحب إلیک من الموت۔
یعنی میری وصیت و نصیحت اگر تمہارے دل میں بیٹھ گئی تو پھر (سمجھ لو کہ) تمہاری نگاہ میں موت سے زیادہ محبوب کوئی چیز نہیں ہو گی۔
حضرت ابو درداء رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
ما أہدی إلي أخ ہدیۃ أحب إلي من السلام، و لا بلغني عنہ خبر أحب من موتہ۔
یعنی کسی برادرِ دینی کے سلام سے بڑھ کر کوئی تحفہ مجھے محبوب نہیں۔ نیز کسی اسلامی بھائی کی موت کی خبر سے بڑھ کر کوئی خبر مجھے پیاری نہیں۔
حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
أتمنی لحبیبي أن یعجل موتہ۔
یعنی میں اپنے دوست کے لیے جلد آنے والی موت کا آرزو مند ہوں۔
حضرت محمد بن عبد العزیز تیمی فرماتے ہیں :
قیل لعبد الأعلیٰ التیمي: ما تشتہي لنفسک و لمن تحب من أہلک؟ قال: الموت۔
یعنی حضرت عبد الاعلی تیمی سے دریافت کیا گیا کہ آپ اپنے لیے کیا پسند کرتے ہیں اور اپنے اہل کے لیے کس کو محبوب رکھتے ہیں ؟ فرمایا: (صرف اور صرف) موت کو۔
حضرت ابن عبید اللہ حضرت مکحول سے پوچھتے ہیں :
أ تحب الجنۃ؟ قال: و من لا یحب الجنۃ، قال: فأحب الموت فإنک لن تری الجنۃ حتی تموت۔
یعنی کیا آپ جنت کے آرزو مند ہیں ؟کہا۔ بھلا جنت میں کون نہیں جانا چاہے گا!۔فرمایا: تو پھر موت سے محبت کرنا سیکھ لے ،کیوں کہ دریائے موت عبور کیے بغیر تم دیدارِ جنت نہیں کرسکتے۔
حضرت حبان بن اسود فرماتے ہیں :
الموت خیر یوصل الحبیب إلی الحبیب۔
یعنی موت کتنا بہترین (پل ہے) جو ایک دوست کو دوسرے دوست تک پہنچا دیتا ہے۔
حضرت مسروق نے ارشاد فرمایا :
ما من شیء خیر للمؤمن من لحد، فمن لحد فقد استراح من ہموم الدنیا و اَمن من عذاب اللّٰہ۔
یعنی ایک مومن کے لیے لحد(اور قبر) سے بڑھ کر اور کوئی چیز نہیں ،کیوں کہ جسے در گور کر دیا گیا اسے دنیا کے فکر و غم سے نجات مل گئی اور عذابِ اِلٰہی سے اَمان نصیب ہو گیا۔
حضرت طاؤس فرماتے ہیں :
لا یحرز دین الرجل إلا حفرتہ۔
یعنی ایک انسان کا دین صرف اس کی قبر ہی محفوظ رکھ سکتی ہے۔
حضرت عطیہ فرماتے ہیں :
أنعم الناس جسداً في لحد قد أمن من العذاب۔
یعنی انسان کا جسم سب سے زیادہ قبر میں آرام پاتا ہے کہ جہاں وہ عذاب سے مامون و محفوظ کر دیا جاتا ہے۔
حضرت سفیان فرماتے ہیں :
کان یقال للموت راحۃ للعابدین۔
یعنی موت کو اَرباب زہد و عبادت کی آسائش و راحت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
حضرت ربیعہ بن زہیر فرماتے ہیں :
قیل لسفیان الثوري کم تتمنی الموت، وقد نہی عنہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم؟ قال: لو سألني ربي لقلت یا رب لثقتي بک و خوفي من الناس کأني لو خالفت واحداً فقلت حلوۃ، و قال: مرۃ لخفت أن یتعاطی دمي۔
یعنی ایک مرتبہ حضرت سفیان ثوری سے پوچھا گیا کہ آپ موت کی اتنی تمنا کیوں کرتے ہیں حالانکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے موت کی تمنا کرنے سے منع فرمایا ہے ؟فرمایا: اگر یہی سوال پروردگار نے مجھ سے کر دیاتو میں کہوں گا: اے پروردگار! تیری ذات پر اعتمادِ کامل اور لوگوں کی ڈر کی وجہ سے (میں موت کی تمنا کیا کرتا تھا) گویا کہ اگر کوئی میری مخالفت کرے تو میں یہ کہوں گا کہ شیریں بات کہی ہے اور کڑوی کہوں تو مجھے خوف زدہ رہنا چاہیے کہ کہیں وہ میرا خون نہ بہا دے۔
حضرت خطابی فرماتے ہیں کہ ہمارے کسی دوست نے منصور بن اسماعیل کے سامنے یہ اَشعار پڑھے ؎
إذا مدحوا الحیاۃ فأکثروا في الموت ألف فضیلۃ لا تعرف
منہا أمان لقائہ بلقائہ و فراق کل معاشر لا ینصف
یعنی جب تم زندگی کی اتنی تعریف و توصیف کیے جا رہے ہو تو موت کے تو اس سے ہزار گنا زیادہ فضائل و مناقب بیان کرنے چاہئیں۔
کیوں کہ موت کے باعث محبوب سے شوقِ ملاقات کی حسرتیں پوری ہو جاتی ہیں۔ اور ایک ایسے معاشرے سے نجات مل جاتی ہے جس میں حق و انصاف نہیں ہے۔
اس پر حضرت خطابی نے فرمایا :
یبکي الرجال علی الحیاۃ و قد أفنی دموعي شوقي إلی الأجل
أموت من قبل أن الدہر یعثُرُ بي فإنني أبدا منہ علی وجل
یعنی لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ زیادہ جینے کے لیے اشک ریزیاں کرتے رہتے ہیں۔ مگر میرا حال یہ ہے کہ موت کی شوقِ ملاقات نے آنسوؤں کا سارا سوتا خشک کر کے رکھ دیا ہے۔
خدا کرے کہ میں اس سے پہلے مر جاؤں کہ لوگ مجھے ٹھکرائیں ، بس مجھے تو ہمیشہ اِسی کا کھٹکا لگا رہتا ہے۔

موت!تنگ گھرسے کشادہ گھرکاسفر

علمائے کرام فرماتے ہیں کہ موت نہ تو مکمل مٹاتی ہے اور نہ ہی مکمل فنا کرتی ہے، بلکہ وہ تو صرف روح کے تعلق کو بدن سے منقطع کر دیتی ہے ،اور ان دونوں کے درمیان فصل و جدائی کی خلیج کھود دیتی ہے۔ بس حالت تبدیل ہو جاتی ہے اور ایک گھرسے دوسرے گھرکاسفرشروع ہو جاتا ہے۔
حضرت بلال بن سعد فرماتے ہیں :
إنکم لم تخلقوا للفناء، و إنما خلقتم للخلود و الأبد، و لکنکم تنتقلون من دار إلی دار۔
یعنی تمہیں (ہمیشہ کے لیے) فنا کے گھاٹ اُتار دینے کے لیے نہیں تخلیق کیا گیا ہے، بلکہ تمہیں ہمیشہ اَبد الآباد تک باقی رکھنے کے لیے پیدا کیا گیا ہے، لیکن (ہاں موت سے صرف اِتنا ہوتا ہے کہ )تم ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو جاتے ہو۔
حضرت ابن قاسم نے فرمایا :
للنفس أربعۃ دور کل دار أعظم من التي قبلہا۔
الأولیٰ: بطن الأم، و ذلک محل الضیق و الحصر و الغم و الظلمات الثلاث۔
و الثاني: ہي الدار التي أنشأتہا و ألفتہا و اکتسبت فیہا الشر و الخیر۔
والثالثۃ: ہي دار البرزخ و ہو أوسع من ہٰذہ الدار و أعظم و نسبۃ ہٰذا الدار إلیہا کنسبۃ البطن إلی ہٰذہ۔
و الرابعۃ: ہي دار القرار الجنۃ أو النار، و لہا في کل دار من ہٰذہ الدور حکم و شأن غیر شأن الأخریٰ -انتہیٰ-
یعنی جان چار مرحلوں سے گزرتی ہے ،اور ہر مرحلہ گزشتہ مرحلہ سے بڑا اور وسیع ہوتا ہے۔
پہلا مرحلہ: شکم مادر۔نہایت تنگی و قبض کی جگہ، جہاں ظلمت و غم اور تہری تاریکیوں کے سوا اور کچھ نہیں ہوتا۔
دوسرا مرحلہ: (دنیا) جہاں اس کی پرورش و پرداخت ہوئی ، الفت و محبت قائم ہوئی اور جہاں اس نے اچھائی وبرائی کے کام سرانجام دیے۔
تیسرامرحلہ: برزخی زندگی ، جو کہ دنیا سے کہیں زیادہ وسیع و عظیم ہوتی ہے۔ اور اِس دنیا کی نسبت اُس برزخی دنیاسے ایسی ہی ہے جیسے شکم مادر۔
چوتھا مرحلہ: ہمیشگی کا گھر، اب وہ جنت ہو یا جہنم۔ اِن گھروں کے مقابلے میں اُس کی شان و شوکت اور آن بان کچھ اور ہی ہے۔
مراسیل حضرت سلیم بن عامر حباری میں مرفوعاً نقل ہے :
إن مثل المؤمن في الدنیا کمثل الجنین في بطن أمہ إذا خرج من بطنہا بکی علی مخرجہ، حتی إذا رأی الضوء و رضع لم یحب أن یرجع إلی مکانہ، وکذالک المؤمن یجزع من الموت فإذا مضی إلی ربہ لم یحب أن یرجع إلی الدنیا کما لم یحب الجنین أن یرجع إلی بطن أمہ۔
یعنی مومن کی مثال اس دنیا میں ایسی ہی ہے جیسے بچہ رحم مادر میں کہ جب وہ ماں کے شکم سے نکلتا ہے تو رونے لگتا ہے پھر جب روشنی سے واسطہ پڑتا ہے اور کھانے پینے لگتا ہے تواب پھر دوبارہ پلٹ کراس جگہ (شکم مادر میں ) جانا پسند نہیں کرتا۔ اسی طرح مومن موت سے ڈرتا رہتا ہے پھر جب وہ اپنے رب کے حضور پہنچ جاتا ہے تو پھر اس دنیا میں آنے کو اس کا جی نہیں چاہتا۔بالکل ایسے ہی جیسے بچہ دوبارہ اپنی ماں کے رحم میں جانے کوناپسندکرتا ہے۔
حضرت انس بن مالک سے مروی کہ رسول گرامی وقار صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
ما شبہت خروج ابن آدم من الدنیا إلا کمثل خروج الصبي من بطن أمہ من ذلک الغم و الظلمۃ إلی روح الدنیا۔
یعنی بنی آدم کے اِس دنیا سے کوچ کرنے کی کیفیت بالکل ایسے ہی ہوتی ہے جیسے کوئی بچہ اپنی ماں کے تیرہ و تار شکم سے نکل کر فضائے دنیا میں آتا ہے۔
حضرت عبادہ بن صامت سے مروی کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
ما علی الأرض من نفس تموت و لہا عند اللّٰہ خیر تحب أن ترجع إلیکم و لہا نعیم الدنیا و ما فیہا۔
یعنی روئے زمین پرموجوداِنسانوں میں جب بھی کوئی مرتا ہے تو اس کے لیے اللہ کے پاس کچھ نہ کچھ خیر ضرور ہوتی ہے۔ وہ انسان پھر تمہاری طرف پلٹ کر جانا چاہتا ہے حالاں کہ وہاں اُسے دنیا و مافیہا کی ساری نعمتیں میسرہوتی ہیں۔

بوقت موت بندۂ مومن پر نوازشیں

حضرت براء بن عازب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن العبد المؤمن إذا کان في انقطاع من الدنیا و إقبال علی الأخرۃ نزل إلیہ ملائکۃ من السماء بیض الوجوہ، کأن وجوہہم الشمس معہم أکفان من أکفان الجنۃ و حنوط من حنوط الجنۃ حتی یجلسوا منہ مد البصر، ثم یجيء ملک الموت یجلس عند رأسہ فیقول: أیتہا النفس المطمئنۃ أخرجي إلی مغفرۃ من اللّٰہ و رضوان فتخرج تسیل کما تسیل القطرۃ من السقاء، و إن کنتم ترون غیر ذلک فیخرجونہا فإذا أخرجوہا لم یدعوہا في یدہ طرفۃ عین، فیجعلونہا في تلک الأکفان و الحنوط و یخرج منہا کأطیب نفحۃ مسک علی وجہ الأرض، فیصعدون بہا فلا یمرون علی ملأ من الملائکۃ إلا قالوا: ما ہٰذہ الروح الطیبۃ؟ فیقولون: فلان بن فلان بأحسن أسمائہ التي کانوا یسمونہ بہا في الدنیا حتی ینتہوا بہ إلی السماء التي تلیہا حتی یتنہي بہا إلی السماء السابعۃ، فیقول اللّٰہ تعالیٰ: اکتبوا کتابہ في علیین و أعیدوہ إلی الأرض، فیعاد روحہ في جسدہ فیأتیہ ملکان فیجلسان فیقولان لہ: من ربک و ما دینک؟ فیقول: اللّٰہ ربي و الإسلام دیني، فیقولان لہ: ما ہٰذا الرجل الذي بعث إلیکم و فیکم؟ فیقول: ہو رسول اللّٰہ ، فیقولان لہ: و ما علمک؟ فیقول قرأت کتاب اللّٰہ تعالیٰ و آمنت بہ و صدقتہ، فینادي مناد من السماء أن صدق عبدي، فافرشوا لہ من الجنۃ، و ألبسوہ من الجنۃ، وافتحوا لہ باباً إلی الجنۃ، فیأتیہ من ریحہا و طیبہا و یفسح لہ في قبرہ مد بصرہ، و یأتیہ رجل حسن الثیاب طیب الرائحۃ فیقول لہ: أبشر بالذي یسرک ہٰذا یومک الذي کنت توعد، فیقول لہ: من أنت فوجہک یجيء بالخیر؟ فیقول: أنا عملک الصالح، فیقول: رب أقم الساعۃ رب أقم الساعۃ، حتی أرجع إلی أہلي و مالي۔ (۹)
یعنی بندۂ مومن کے اِس دنیاسے چل چلاؤ کا جب وقت آ جاتا ہے اور وہ سفر آخرت پر روانہ ہونے کے لیے تیار ہو جاتا ہے تو آسمان سے آفتاب کی مانند درخشاں چہروں والے فرشتے اپنے ساتھ دو جنتی کفن، اور بہشتی خوشبو لے کراس کے پاس آتے ہیں ،اور ایک لمحہ کے لیے اس کے پاس بیٹھتے ہیں۔ پھر ملک الموت آ کر اس کے سرہانے بیٹھتے ہیں اور کہتے ہیں :اے اطمینان پا جانے والی جان! اللہ کی مغفرت و رضوان کی طرف نکل چل۔ تو وہ مشک سے رِستے ہوئے پانی کی طرح رِستی ہوئی نکلتی ہے۔ اگر تم ان فرشتوں کو اس مرنے والے کے سوا دیکھو تو انھیں نکال دو۔پھر وہ روح کو نکال لیتے ہیں ، نکلنے کے بعد پلک جھپکنے کے برابر وہ ان کے ہاتھوں میں ہوتی ہے،اور خوشبو لگا کروہ اس کی تکفین کرتے ہیں ، اب اس سے ایسی خوشبو پھوٹتی ہے کہ شاید پورے روئے زمین پر کہیں ایسی خوشبو کا وجود نہ ہو۔ پھر اسے اوپر لے جاتے ہیں۔ اب فرشتوں کے جس گروہ سے گزرتے ہیں وہ پوچھ اُٹھتے ہیں : یہ بھینی سہانی خوشبو کیسی ہے؟تو وہ نہایت ہی ادب و احترام کے ساتھ دنیا میں اس کے پکارے جانے والے نام کو لے کر فرماتے ہیں کہ فلاں بن فلاں ہے۔یہاں تک کہ وہ اسے لے کر آسمان پراور پھر وہاں سے ساتویں آسمان پر پہنچ جاتے ہیں۔ اللہ سبحانہ و تعالیٰ فرماتا ہے: اس کا نامہ اعمال علیین میں لکھ کر اِسے زمین کی طرف لوٹا دو،اس طرح اُس کی روح دوبارہ اس کے بدن میں لوٹا دی جاتی ہے۔
اب اس کے پاس دو فرشتے آتے ہیں اور اسے بٹھا کر پوچھتے ہیں : تیرا رب کون ہے؟ اور تیرا دین کیا ہے؟تو وہ کہتا ہے: اللہ میرا رب ہے۔اور اسلام میرا دین ہے۔ فرشتے پوچھتے ہیں :اِس’ شخص‘ کے بارے میں تمہاری کیا رائے ہے جو تمہاری طرف مبعوث ہوا تھا؟وہ کہتا ہے: یہ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ہیں۔ فرشتے پوچھتے ہیں : تمہیں یہ کس طرح علم ہوا؟ وہ کہتا ہے: ہاں میں نے کتاب اللہ پڑھی ،اس پر ایمان لایا اور اس کی تصدیق کی۔ اب آسمان کی بلندیوں سے یہ ندا آئے گی کہ میرے بندے نے سچ کہا۔ اس کے لیے جنتی فرش بچھا دو، اسے بہشتی جوڑے پہنا دو،اوراس کے لیے جنت کو جاتا ہوا ایک راستہ کھول دو، تاکہ اسے جنت کی ہوا و خوشبو ملتی رہے۔ اور پھر تا حد نظر اس کی قبروسیع کر دی جاتی ہے۔پھر اس کے پاس خوشبوؤں میں بساہوا ایک خوش پوش شخص آ کر کہتا ہے: اب جیسے چاہو خوشیاں مناؤ۔ یہی وہ دِن ہے جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا رہا تھا۔ وہ پوچھتا ہے: -اللہ تمہیں سدا خوش رکھے -یہ تو بتاؤ تم ہو کون؟وہ کہتا ہے: میں تمہارا نیک عمل ہوں۔ (یہ سن کروہ) پکار اُٹھتا ہے: اے پروردگار! قیامت برپا فرما دے۔اے پروردگار! قیامت بپا کر دے تاکہ میں اپنے انجام کو پہنچ سکوں۔
حضرت ابن ابی الدنیا رضی اللہ تعالیٰ عنہ مرفوعاً تخریج کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
إن المؤمن إذا احتضر و رأی ما أعد اللّٰہ لہ جعل یتہوع نفسہ من الحرص علی أن تخرج فہناک أحب لقاء اللّٰہ و أحب اللّٰہ لقاء ہ، و إن الکافر إذا احتضر و رأی ما أعد لہ جعل یتبلع نفسہ کراہیۃ أن تخرج، فہناک کرہ لقاء اللّٰہ و کرہ اللّٰہ لقاء ہ۔
یعنی جب مومن کے (اس دنیا سے )چل چلاؤ کا وقت آ پہنچتا ہے اور وہ اپنے لیے اللہ کی تیار کردہ چیزوں کو(سرکی آنکھوں سے) دیکھ لیتا ہے تو وہ (یہاں سے جلد از جلد) نکلنے کی جی توڑ کوشش کرتا ہے،کیوں کہ وہ اللہ سے ملاقات کے شوق میں بے تاب ہوتا ہے اور اللہ اس سے ملنے کا مشتاق ہوتا ہے۔ اور جب کسی کافر کی موت کا وقت آتا ہے اور وہ اپنے لیے تیار کردہ چیزوں کو دیکھتا ہے تواس کا جی (یہاں سے کسی طور) نکلنے کو تیار نہیں ہوتا،کیوں کہ وہ (اپنے برے کرتوت کے باعث) اَللہ سے ملنا پسند نہیں کرتا اور نہ اللہ ہی اس سے ملناپسندفرماتا ہے۔
حضرت جعفر بن محمد اپنے باپ سے، وہ اِبن الخزرجی سے اور وہ اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسولِ اکرم نورِ مجسم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کواس وقت یہ فرماتے ہوئے سنا جب کہ آپ نے ملک الموت کو ایک انصاری شخص کے سرہانے بیٹھے ہوئے دیکھا :
یا ملک الموت ارفق بصاحبي فإنہ مؤمن، فقال ملک الموت: طب نفساً و قر عیناً و اعلم أني بکل مؤمن رفیق۔
یعنی اے ملک الموت! میرے اس صحابی سے نرمی و مہربانی کے ساتھ پیش آ، کیوں کہ اس کا دل نورِ ایمان سے منور ہے۔ ملک الموت نے عرض کیا: اللہ آپ کو خوش رکھے،اور آپ کی چشمانِ مبارک ٹھنڈی رہیں۔ آپ کواِس بات کا علم الیقین کر لینا چاہیے کہ میں ہر مومن سے رفاقت رکھتا ہوں اور اس کے ساتھ مہربانی ہی کا معاملہ کرتا ہوں۔
حضرت کعب سے مروی ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے ملک الموت سے کہا:مجھے تم اپنی وہ شکل دِکھاؤجس میں تم کسی مومن کی روح قبض کرنے جاتے ہو، چنانچہ ملک الموت نہایت دلکش و پرکشش انداز میں ان کے سامنے جلوہ کناں ہوئے۔(یہ دیکھ کر حضرت ابراہیم نے )فرمایا :
لو لم یر المؤمن عند موتہ من قرۃ العین و الکرامۃ إلا صورتک ہٰذہ لکانت تکفیہ۔
یعنی ایک مومن اگر اپنی جانکنی کے عالم میں دیدہ و دل کو تسکین فراہم کرنے والی اور کوئی عزت و کرامت نہ بھی دیکھے، صرف آپ کو اِس صورت میں دیکھ لے تو یہ اس کے لیے کافی ہو گی (اسے مزیدکسی چیز کی حاجت نہ رہے گی)۔
حضرت ضحاک فرماتے ہیں :
إذا قبض روح العبد المؤمن عرج بہ إلی السماء فینطلق معہ المقربون، ثم عرج بہ إلی الثانیۃ، ثم إلی الثالثۃ، ثم إلی الرابعۃ، ثم إلی الخامسۃ، ثم إلی السادسۃ، ثم إلی السابعۃ حتی ینتہوا بہ إلی سدرۃ المنتہیٰ فیقولون: ربنا عبدک فلان، وہو أعلم بہ ، فیأتیہ صک مختوما بأمانہ من العذاب فذلک قولہ تعالیٰ: کَلاَّ إنَّ الأبْرَارَ لَفِي عِلِّیِّیْنَ، وَ مَا أدْرَاکَ مَا عِلِّیُّونَ، کِتَابٌ مَرْقُومٌ یَشْہَدُہُ المُقَرَّبُونَ o (سورۂ مطففین: ۸۳؍ ۱۹تا۲۱)
یعنی جب کسی بندۂ مومن کی روح قبض کی جاتی ہے تو اللہ کے مقرب فرشتے اسے اپنی جلو میں لے کر اوپر جاتے ہیں۔ چنانچہ وہ دوسرے آسمان پر پہنچتے ہیں ، پھرتیسرے پر،پھر چوتھے پر، پھر پانچویں پر، پھر چھٹویں پر ، پھر ساتویں پر حتیٰ کہ وہ اسے لے کر سدرۃ المنتہیٰ تک پہنچ جاتے ہیں اور عرض کرتے ہیں : اے پروردگار! تیرے فلاں بندہ (کی روح) حاضر ہے-حالاں کہ اللہ اس سے اچھی طرف واقف ہوتا ہے-پھر عذاب سے رہائی کا ایک سربہ مہر نامہ اس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔یہی مطلب ہے اِس اِرشادِ الٰہی کا : یہ(بھی) حق ہے کہ بے شک نیکوکاروں کا نوشتہ اعمال علیین(یعنی دیوان خانہ جنت )میں ہے۔اور آپ نے کیا جانا کہ علیین کیا ہے؟یہ (جنت کے اعلیٰ درجہ میں اس بڑے دیوان کے اندر) لکھی ہوئی (ایک) کتاب ہے (جس میں ان جنتیوں کے نام اور اعمال درج ہیں جنھیں اعلیٰ مقامات دیے جائیں گے)۔اس جگہ (اللہ کے) مقرب فرشتے حاضر رہتے ہیں۔
حضرت ابوسعید خدری سے مروی کہ حضوراقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن المؤمن إذا کان في إقبال من الآخرۃ، و إدبار من الدنیا نزل ملائکۃ من السماء کأنہم وجوہہم الشمس بکفنہ و حنوطہ من الجنۃ، فیقعدون حیث ینظر إلیہم، فإذا خرجت روحہ صلی علیہ کل ملک من السماء و الأرض۔ (۱۰)
یعنی ایک مردِ مومن جب دنیا کو پیٹھ دِکھا کرسفرآخرت کے لیے آمادہ ہوتا ہے تو اس وقت آفتاب صورت فرشتے آسمان سے جنتی خوشبو و کفن لے کر اُترتے ہیں ، اوراس کے پاس آ کر اس طرح بیٹھتے ہیں کہ وہ مردِ مومن انھیں دیکھ رہا ہوتا ہے۔ پھر جب اس کی روح نکلتی ہے تو زمین وآسمان کے سارے فرشتے اس کے لیے خیر و عافیت نزولِ رحمت اور ترقیِ درجات کی دعائیں کرتے ہیں۔
حضرت ابوہریرہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن المؤمن إذا قبض أتتہ ملائکۃ الرحمۃ بحریرۃ بیضاء فتخرج کالطیب و أطیب من ریح المسک حتی إنہ یناولہ بعضہم بعضا فیسمونہ بأحسن الأسماء لہ حتی یأتوا بہ باب السماء فیقولون: ما ہٰذہ الریح التي جاء ت من الأرض؟ و کلما أتو سماء قالوا مثل ذلک حتی یأتوا بہ أرواح المؤمنین فلم یکن لہم فرح أفرح من أحدہم عند لقائہ، و لا قدم علی أحد کما قدم علیہم، فیسألونہ ما فعل فلان بن فلاں ؟ فیقولون : دعوہ حتی یستریح فإنہ کان في غم الدنیا۔ (۱۱)
یعنی جب کسی بندۂ مومن کی روح قبض ہوتی ہے تو اس کے پاس فرشتگانِ رحمت سفیدریشمی جوڑے میں حاضر ہوتے ہیں ، (اس مومن کی) روح (اس کے جسدخاکی) سے نکلتے وقت بوئے مشک سے کہیں زیادہ خوشبودار ہوتی ہے، پھر فرشتے روح کی ایک دوسرے سے ملاقات کراتے ہیں اور بہترین ناموں کے ساتھ تعارف کراتے ہیں۔ پھر اسے لے کر وہ آسمانِ اول پر پہنچتے ہیں جہاں ان سے پوچھا جاتا ہے کہ آج زمین سے یہ کیسی بھینی بھینی خوشبو آ رہی ہے؟اسی طرح وہ جس آسمان پر بھی پہنچتے ہیں کچھ یہی سوال ہوتا ہے۔یہاں تک کہ اسے لے کر مومنوں کی روحوں کے پاس جا پہنچتے ہیں۔ روحیں اس سے مل کر اس قدر خوش ہوتی ہیں کہ شاید ہی کسی اور چیزسے کبھی انھیں اتنی خوشی محسوس ہوئی ہو،اور جس طرح وہ اس کا خیرمقدم کرتی ہیں شاید کسی اور کا ایسا کبھی خیرمقدم کیا ہو۔ اب وہ روحیں اس سے پوچھتی ہیں کہ ذرا بتاؤ فلاں بن فلاں کیسا تھا، کیا کر رہا تھا؟ تو وہ کہتی ہے:اسے بلایا گیا اور اس نے دنیا کے غموں سے سلامتی کے ساتھ جانے پر خوشی کا اِظہار کیا۔تو فرشتے کہتے ہیں : اسے ذرا مہلت دو کہ کچھ آرام کر لے کیوں کہ یہ روح دنیا کے غم کدے سے آ رہی ہے۔
حضرت براء بن عازب حضرت ابوہریرہ سے روایت کرتے ہیں کہ سرکارِ ابد قرار صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
إن المؤمن إذا احتضر أتتہ الملائکۃ بحریرۃ فیہا مسک و عنبر و ریحان فتسل روحہ کما تسل الشعرۃ من العجین، و یقال: ٰأیتہا النفس المطمئنۃ اخرجي راضیۃ مرضیا علیک إلی رَوح اللّٰہ و کرامتہ، فإذا خرجت روحہ وضعت علی ذلک المسک و الریحان و طویت علیہ الحریرۃ و ذہب بہ إلی علیین۔ (۱۲)
یعنی جب بندۂ مومن کی زندگی کا چراغ گل ہونے کے قریب ہوتا ہے تو اس کے پاس فرشتے ایک ریشمی ٹکڑے میں مشک و عنبر اور روحانی رزق واستراحت (کا سامان) لے کر حاضر ہوتے ہیں ،پس اس کی روح ایسے ہی (آسانی کے ساتھ) نکل جاتی ہے جس طرح بال گندھے ہوئے آٹے سے نکل جاتا ہے۔ اور پھر اس سے کہا جاتا ہے: اے اطمینان پا جانے والے نفس! تو اپنے رب کی رحمت و کرامت کی طرف اس حال میں نکل کہ تو اس کی رضا کا طالب بھی ہو اور اس کا مطلوب بھی۔ جب اس کی روح نکل جاتی ہے تو اس کے اوپر مشک و ریحان کو چھڑک دیا جاتا ہے اور پھر اسے ریشم کے ٹکڑے میں لپیٹ کر علیین میں بھیج دیا جاتا ہے۔
حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما نے ’’وَ السَّابِحَاتِ سَبْحاً‘‘ کی تفسیر کرتے ہوئے فرمایا :
أرواح المؤمنین لما عاینت ملک الموت قال: اخرجي أیتہا النفس المطمئنۃ إلی روح و ریحان و رب غیر غضبان، سبحت سبح الغائض في الماء فرحا و شوقا إلی الجنۃ (فَالسَّابِقَاتِ سَبْقاً) یعني تمشي إلی کرامۃ اللّٰہ عزوجل۔
یعنی ملک الموت جب مومنوں کی روحوں کو دیکھتے ہیں تو فرماتے ہیں : اے اطمینان پا جانے والی جان!اب تو سرورو فرحت ، روحانی رزق واستراحت اور راضی رب کی طرف نکل چل،کیوں کہ تو نے غرق آب ہونے والے کی طرح جنت پانے کی لگن اور اپنے رب سے ملاقات کے شوق میں ڈوب کر عبادت و بندگی کی ہے۔’’فالسابقات سبقاً‘‘ تواب چل آگے بڑھ اور اللہ کی عزت و کرامت (میں حصہ بٹا نے میں سبقت مار لے جا)۔
حضرت عبید اللہ بن عمرو فرماتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ کسی پر موت طاری کرتا ہے تو اس کے پاس دو فرشتوں کو بہشتی خوشبو اور حلہ لے کر بھیجتا ہے،وہ کہتے ہیں : اے اطمینان پا جانے والی جان! چل سرورو فرحت ، روحانی رزق واستراحت اور راضی رب کی طرف نکل چل۔ چل دیکھ تو نے کتنے اچھے اعمال آگے بھیج رکھے ہیں۔ تو وہ روح مشک سے کہیں زیادہ خوشبودار شکل میں (جسدخاکی سے )نکلے گی۔
( جب اوپر جائے گی تو)آسمان کے کناروں پر کھڑے فرشتے کہیں گے :واہ سبحان اللہ! آج ہمیں زمین سے کتنی پیاری خوشبو محسوس ہوئی ہے، اب وہ جس دروازے سے بھی گزرے گی وہ کھلتا چلا جائے گا، اور ہر فرشتہ اس کو دعائیں دے رہا ہو گا،اسی طرح وہ فرشتوں کی مشایعت میں چلتی چلتی حضورِ اِلٰہ میں جا پہنچے گی، فرشتے حق تعالیٰ کے آگے سجدے میں گر کر عرض کریں گے: مولا! یہ تیرا فلاں بندہ ہے جس کی روح ہم نے قبض کر لی ہے اور اس کا تجھے پورا پورا علم بھی ہے، تو اللہ فرمائے گا : اسے سجدہ کرنے کے لیے کہو چنانچہ وہ روح سجدے میں گر پڑے گی۔
پھر حضرت میکائیل کو بلا کر کہا جائے گا: اس روح کو مومنوں کی روحوں میں شامل کر لو،اور قیامت کے دن تم سے اس کی بابت پوچھا جائے گا۔پھر اس کی قبر کے لیے (خصوصی )حکم جاری ہو گا تو وہ طول و عرض میں سترسترگز پھیل کر کشادہ ہو جائے گی۔ پھراس میں ریشم و دیبا بچھایا جائے گا۔اب اگر اس کے پاس قرآن کا کچھ حصہ ہو گا تو وہ قبر میں روشنی کا کام دے گا ، ورنہ (غیب سے) اُس کے لیے آفتاب کی سی روشنی کا انتظام کر دیا جائے گا۔ پھر جنت کی طرف ایک کھڑکی کھول دی جائے گی جس سے وہ اپنی بہشتی رہائش گاہ کا صبح و شام نظارہ کرتا رہے گا۔
حضرت حسن فرماتے ہیں کہ جب بندۂ مومن کی قضا آتی ہے تو پانچ سو فرشتے اس کی روح قبض کرنے آتے ہیں ،پھر اس کی روح کو لے کر آسمان دنیا پر پہنچتے ہیں جہاں اس کی ملاقات پہلے سے آئی ہوئی مومنوں کی روحوں کے ساتھ ہوتی ہے ، وہ روحیں اس سے کچھ خیرو خبر معلوم کرنا چاہتی ہیں مگر فرشتے کہتے ہیں : اس پر ذرا رحم کرو کیوں کہ یہ دنیا سے بڑے بڑے درد و کرب سہ کر آ رہی ہے۔ پھر وہ اس سے لوگوں کے اَحوال پوچھتی ہیں ، تو وہ روح انھیں ان کے بھائیوں اور دوستوں کے بارے میں خبر دیتے ہوئے کہتی ہے: وہ بالکل ایسے ہی ہیں جیساتم انھیں چھوڑ کر آئے تھے۔
حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ مومن کی روح اس طرح نکلتی ہے کہ وہ مشک سے کہیں زیادہ پاکیزہ خوشبو میں بسی ہوتی ہے، پھر فرشتے اسے لے کر اوپر جاتے ہیں جہاں کچھ دوسرے آسمانی فرشتے دریافت کرتے ہیں : تمہارے ساتھ یہ کون ہے؟ جواب دیتے ہیں : فلاں اور اس کی حسن کارکردگی اور عمل خیر کی تعریف و توصیف کرتے ہیں۔
اس پر وہ کہتے ہیں : اللہ تمہیں اور جو تمہارے ساتھ ہے سلامت رکھے۔ پھر اس کے لیے آسمانی دروازے کھول دیے جاتے ہیں ، یہ فرشتے اسے لے کر اسی دروازے سے چڑھتے ہیں جس میں اس کا عمل ہوتا ہے چنانچہ اس کا چہرہ چمک اُٹھتا ہے۔پھر جب اسے حق تعالیٰ کی جناب میں پیش کیا جاتا ہے تو اس کا آفتاب کی مانند چمکتا ہوا چہرہ (اس کے نیکوکار ہونے کی )دلیل کا کام کرتا ہے۔
حضرت ضحاک اِرشادِ باری تعالیٰ ’’وَ الْتَفَّتِ السَّاقُ بِالسَّاقِ‘‘ کی تفسیر کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
الناس یجہزون بدنہ، والملائکۃ یجہزون روحہ۔
یعنی لوگ مردے کے جسم و بدن کی آرائش و زیبائش میں مصروف ہیں حالاں کہ فرشتے اس کی روح کوسنوارنے نکھارنے میں لگے ہوئے ہیں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ مومن کی روح اس وقت تک قبض نہیں کی جاتی جب تک کہ وہ اس کی کچھ نیک علامتیں اور آثار نہیں دیکھ لیتا۔
پھر جب اس کی روح قبض کی جاتی ہے تو ایک آواز پھوٹتی ہے جسے انسان و جنات کے علاوہ گھر کے اندر موجود سارے چھوٹے بڑے جانور اور چوپائے سنتے ہیں کہ مجھے اَرحم الراحمین پروردگار کے پاس جلدی لے کر چلو۔
پھر جب اسے تختے پر رکھا جاتا ہے تو وہ کہتا ہے :اتنی دیر کیوں ہے چلتے کیوں نہیں ؟ پھر جب اسے قبر میں رکھ دیا جاتا ہے تو(اُٹھانے والے آ کر)اُسے اُٹھاتے ہیں ، پھر وہ جنت میں اپنی رہائش اور جو کچھ اللہ نے اس کے لیے تیار کر رکھا ہے اس پر نگاہیں جما لیتا ہے۔ ساتھ ہی اس کی قبر مشک و عنبر،فرحت وسرور اور روحانی رزق واستراحت سے بھر دی جاتی ہے۔
اب وہ عرض کرتا ہے: اے پروردگار! مجھے آگے جانے کی اجازت دے۔ تو اس سے کہا جاتا ہے: تمہارے کچھ بھائی اور بہنیں ابھی نہیں پہنچے ہیں ، (ان کے آنے تک) چین کی نیندسوؤتاکہ تمہاری آنکھوں کو ٹھنڈک نصیب ہو۔
حضرت ابن جریح سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت عائشہ سے فرمایا :
إذا عاین المؤمن الملائکۃ قالوا نرجعک إلی الدنیا؟ فیقول إلی دار الہموم و الأحزان، قدماني إلی اللّٰہ تعالیٰ۔
یعنی جب فرشتے بندۂ مومن کے پاس (قبر میں اس کی زیارت کرنے )آتے ہیں تو کہتے ہیں : کیا دنیا میں جانا چاہو گے؟تو وہ کہتا ہے: کیا تم حزن و کرب کے گھر میں (دوبارہ )جانے کی بات کر رہے ہو، (نہیں بلکہ )مجھے اللہ کی بارگاہ تک پہنچانے کی زحمت کرو۔
حضرت حسن بن علی رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں :
تخرج روح المؤمن في ریحانۃ، ثم قرأ ’’فَأمَّا إنْ کَانَ مِنَ المُقَرَّبِینَ فَرَوحٌ وَّ رَیحَانٌ وَّ جَنَّۃُ نَعِیمٍ o(۱۳)
یعنی مومن کی روح پھول اور خوشبو کی شکل میں نکلتی ہے۔ پھر آپ نے یہ آیت کریمہ تلاوت فرمائی: پھر اگر وہ (وفات پانے والا) مقربین میں سے تھا تو (اس کے لیے) سرورو فرحت اور روحانی رزق و استراحت اور نعمتوں بھری جنت ہے۔
حضرت قتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ارشادِ باری تعالیٰ ’’فَرَوحٌ وَّ رَیحَانٌ‘‘ کا مطلب یہ بیان کیا ہے کہ رَوح و ریحان یہ دونوں بندۂ مومن کی موت کے وقت اسے پیش کی جاتی ہیں۔
حضرت بکر بن عبید اللہ فرماتے ہیں :
إذا أمر ملک الموت بقبض روح المؤمن أتی بریحان من الجنۃ، فقیل لہ اقبض روحہ فیہ۔
یعنی جب ملک الموت کو کسی بندۂ مومن کی روح قبض کرنے کا حکم ہوتا ہے تو وہ اپنے ساتھ جنت کی خوشبو لے کر آتے ہیں جس میں وہ اس بندے کی روح قبض کرتے ہیں۔
حضرت ابو عمران الجونی فرماتے ہیں :
بلغنا أن المؤمن إذا حضِّر أتی بضبائر الریحان من الجنۃ فیجعل روحہ فیہا۔
یعنی ( معتبر ذرائع سے ) ہمیں یہ بات پہنچی ہے کہ جب مردِ مومن کی وفات کا وقت آ پہنچتا ہے تو (فرشتے )جنت سے خوشبوؤں کا ایک خصوصی گلدستہساتھ لاتے ہیں تاکہ اس میں اس کی روح کو محفوظ رکھ سکیں۔
حضرت مجاہد فرماتے ہیں :
تنزع روح المؤمن في حریرۃ من حریر الجنۃ۔
یعنی بندۂ مومن کی روح جنت کے ریشمی پارچوں میں نکالی جاتی ہے۔
حضرت ابوالعالیہ فرماتے ہیں :
لم یکن أحد من المقربین یفارق الدنیا حتی یؤتی بغصن من ریحان الجنۃ فیشمہ ثم یقبض۔
یعنی جب اللہ کا کوئی مقرب بندہ دُنیاسے رخصت ہونے والا ہوتا ہے تو پہلے اسے گل ہائے جنت کی ٹہنی لاکرسنگھائی جاتی ہے،پھراسی حالت میں اس کی روح قبض کر لی جاتی ہے۔
حضرت سلمان سے مروی کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن أول ما یبشر بہ المؤمن في قبرہ أن یقال لہ: أبشر برضا اللّٰہ و الجنۃ، قدمت خیر مقدم، قد غفر اللّٰہ لمن یشیعک إلی قبرک، و صدق من شہدک، و استجاب لمن یستغفر لک۔
یعنی مومن کو قبر میں اولین خوش خبری یہ دی جاتی ہے کہ خوش ہو جا اللہ تجھ سے راضی ہے اور جنت تیرا ٹھکانہ ہے۔تو نے بہترین اعمال اپنے آگے بھیجے۔اللہ تعالیٰ نے تیرے جنازے کے ساتھ چلنے والوں کو بخش دیا۔ جو تیرے ساتھ موجود ہے اس کی تصدیق فرماتا اور جو تیری مغفرت مانگے اسے مقبول بناتا ہے۔
حضرت ابن مسعود نے فرمایا :
إذا أراد اللّٰہ قبض روح المؤمن أوحی إلی ملک الموت أقرئہ مني السلام فإذا جاء ملک الموت یقبض روحہ قالہ لہ: ربک یقرئک السلام۔
یعنی جب اللہ سبحانہ و تعالیٰ کسی بندۂ مومن کی روح قبض کرنے کا ارادہ فرماتا ہے تو ملک الموت کو مطلع فرماتا ہے کہ فلاں بندہ کو جا کر میری طرف سے سلام و رحمت کہہ دینا۔اب جب ملک الموت اس کے پاس روح قبض کرنے آتے ہیں تواس سے کہتے ہیں : تیرے رب نے تجھے سلام کہا ہے۔
حضرت محمد قرظی فرماتے ہیں :
إذا استبلغت نفس العبد المؤمن عاد ملک الموت فقال: السلام علیک یا ولي اللّٰہ، اللّٰہ یقرئک السلام، ثم قرأ ہٰذہ الآیۃ : ’’اَلَّذِیْنَ تَتَوَفَّاہُمُ المَلاَئِکَۃُ طَیِّبِیْنَ یَقُولُونَ سَلاَمٌ عَلَیْکُمْ‘‘۔ (۱۴)
یعنی جب بندۂ مومن کی جان مبتلائے مشقت ہوتی ہے تو ملک الموت پہنچتے ہیں اور (ڈھارس دیتے ہوئے)کہتے ہیں : اے ولی اللہ! تم پر سلام و رحمت ہو۔ اللہ نے تمہیں سلام کہا ہے۔پھر اس آیت کی تلاوت کی : جن کی روحیں فرشتے اس حال میں قبض کرتے ہیں کہ وہ (نیکی و طاعت کے باعث) پاکیزہ اور خوش و خرم ہوں ،(ان سے فرشتے قبض روح کے وقت ہی کہہ دیتے ہیں :) تم پر سلامتی ہو۔
حضرت مجاہد فرماتے ہیں :
إن المؤمن لیبشَّر بصلاح ولدہ من بعدہ لتقر عینہ۔
یعنی بندۂ مومن کو اپنے نیکو کار فرزند کی بشارت ہو تاکہ اس کے بعد اس کی آنکھوں کو وہ ٹھنڈا رکھے۔
حضرت ضحاک فرماتے ہیں کہ آیت کریمہ’’ لَہُمُ البُشْریٰ فِي الحَیَاۃِ الدُّنْیَا وَ فِي الآخِرَۃِ‘‘کا معنی یہ ہے کہ انھیں پتا ہوتا ہے کہ وہ قبل از موت کہاں ہیں۔
حضرت مجاہد فرماتے ہیں کہ فرمانِ باری تعالیٰ ’’إنَّ الَّذِیْنَ قَالُوا رَبُّنَا اللّٰہُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا تَتَنَزَّلُ عَلَیْہِمُ المَلاَئِکَۃُ ألاَّ تَخَافُوا وَ لاَ تَحْزَنُوا وَ أبْشِرُوا بِالجَنَّۃِ الَّتِي کُنْتُمْ تُوعَدُوْنَ‘‘سے موت کا وقت مراد ہے۔
حضرت مجاہد نے آیت کریمہ’’ألاَّ تَخَافُوا وَ لاَ تَحْزَنُوا وَ أبْشِرُوا‘‘کا معنی یہ بیان فرمایا ہے کہ موت اور امورِ آخرت کاسوچ کر بالکل نہ ڈرو۔ اور دنیا میں جو تم اپنی اہل و اولاد اور دین چھوڑ آئے ہواس کی ایک ذرا فکر نہ کرو، کیوں کہ ہم ان سب کا تمہیں نعم البدل عطا فرما دیں گے۔
حضرت زید بن اسلم فرماتے ہیں کہ جب کسی بندۂ مومن کو موت آتی ہے تواس سے کہا جاتا ہے: موت سے بالکل نہ گھبراؤ، (یہ سن کر )اُس کا ساراخوف و ہراس ہرن ہو جاتا ہے۔ یوں ہی اب دنیا اور اپنے اہل و عیال کا بھی کوئی غم نہ کر، اور اپنے جنتی ہونے کا مژدہ سن لے تواس کا یہ ڈر بھی جاتا رہتا ہے۔ اور دنیا کی ایک ذرا فکر نہ کر، اس طرح اس کی روح قفس عنصری سے پرواز کر جاتی ہے اور وعدۂ الٰہی سن کراس کی آنکھیں ٹھنڈی ہو چکی ہوتی ہیں۔
حضرت حسن سے فرمانِ الٰہی ’’یَا أیَّتُہَا النَّفْسُ المُطْمَئِنَّۃُ ارْجِعِي إلیٰ رَبِّکِ رَاضِیَۃً‘‘کی بابت پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ جب اپنے کسی بندۂ مومن کی روح قبض کرنے کا اِرادہ فرماتا ہے تو وہ روحُ اللہ سے اور اللہ اس روح سے مطمئن ہو جاتا ہے۔
بیہقی نے ’’المشیخۃ البغدادیۃ‘‘ میں فرمایا کہ میں نے ابوسعید اور حسن بن علی واعظ کو ،انھوں نے محمد بن حسن واعظ کو،انھوں نے اپنے والد کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ میں نے کسی کتاب میں لکھا دیکھا ہے :
ان اللّٰہ تعالیٰ یظہر علی کف ملک الموت بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم بخط من نور، ثم یأمرہ أن یبسط کفیہ للعارف في وقت وفاتہ فیریہ تلک الکتابۃ، فإذا رأتہا روح العارف طارت إلیہ في أسرع من طرفۃ العین۔
یعنی اللہ سبحانہ و تعالیٰ ملک الموت کی ہتھیلی پر خط نور سے بسم اللہ الرحمن الرحیم کا نقش اُبھار دیتا ہے پھراُسے حکم دیتا ہے کہ (فلاں ) عارفِ (ربانی کے پاس جاؤ اور) بوقت نزع اپنی ہتھیلی کا یہ نقش کھول کر اسے دِکھا دو۔(کہا جاتا ہے کہ) عارف کی روح جیسے ہی اسے دیکھتی ہے پلک جھپکنے سے بھی پہلے وہ (عالم بالا کو) پرواز کر جاتی ہے۔
حضرت ابن عباس سے مرفوعاً آیا ہے کہ جب اللہ تعالی ملک الموت کو میرے کسی ایسے امتی کی روح قبض کرنے کا حکم صادر فرماتا ہے جس پر جہنم واجب ہو چکی ہوتی ہے تو وہ کہتا ہے: اسے جا کر یہ خوش خبری دینا کہ تم ( اپنے گناہوں کے مطابق) جہنم میں اتنی اتنی سزا کے بھگتنے کے بعد جنت میں داخلے کے مجاز ہو گے۔اور اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہمیشہ رحم و کرم ہی کا معاملہ فرماتا ہے۔

مردے کی روحوں سے ملاقات اوراس سے استفسارات

حضرت ابو ایوب انصاری سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن نفس المؤمن إذا قبضت تلقاہا أہل الرحمۃ من عباد اللّٰہ تعالیٰ، کما یلقون البشیر من أہل الدنیا، و یقولون: انظروا صاحبکم یستریح فإنہ کان في کرب شدید، ثم یسألونہ ما فعل فلان و فلانۃ تزوجت۔
یعنی جب بندۂ مومن کی روح قبض کر لی جاتی ہے تو اسے اللہ کے پیکرانِ رحمت بندے ایسے ہی خوش آمدید کرتے ہیں جیسے دنیا میں کسی خوشخبری دینے والے کی آؤ بھگت ہوتی ہے،اور کہتے ہیں : دیکھو تمہارا دوست ابھی محواستراحت ہے، اور کیوں نہ ہو دنیا کے کرب و غم سے تھک ہار کرج و آ رہا ہے۔پھر اس سے پوچھتے ہیں کہ فلاں کیسے ہے؟اور فلانہ عورت کی شادی ہوئی یا نہیں ؟؟۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مرفوعاً مروی ہے آپ نے فرمایا :
إن المؤمن إذا نزل بہ الموت و یعاین ما یعاین یود لو خرجت روحہ و اللّٰہ یحب لقاء ہ، و إن المؤمن تصعد روحہ إلی السماء فتأتیہ أرواح المؤمنین فیستخبرونہ عن معارفہم من أہل الدنیا۔
یعنی ایک مردِ مومن کی موت کا وقت جب آ پہنچتا ہے، اور وہ قدرت کی نوازش و انعامات کو دیکھ لیتا ہے تو چاہتا ہے کہ کب اس کی روح جسد خاکی سے نکل چلے کہ پروردگار اس کی ملاقات کا مشتاق ہوتا ہے۔پھر جب مومن کی روح آسمانوں کی طرف جاتی ہے تو مومنوں کی روحیں (اس کے استقبال کو)آتی ہیں اور اس سے دنیا میں ا پنے دوست آشناؤں کے بارے میں پوچھتی ہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمرو سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن روحي المؤمنین لیلتقیان مسیرۃ یوم و ما رأی أحدہما صاحبہ قط۔
یعنی مومنوں کی روحیں ایک دن کی مسافت تک باہم ملاقاتیں کرتی ہیں حالاں کہ ان میں کوئی کسی سے کبھی نہیں ملی ہوتی۔
حضرت ابن لبیبہ فرماتے ہیں کہ جب بشر بن براء بن معرور کا انتقال ہوا تو ان کی ماں نے ان کی موت پر شدید رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے عرض کیا:یارسول اللہ! بنو سلمہ کا مرنے والا کوئی مرے تو کیا وہ مردے کو پہچانتا ہے ؟ اگر پہچانتا ہے تو میں بشر کی طرف سلام بھجواؤں۔ فرمایا: ہاں ! قسم اس ذات کی جس کے دست قدرت میں میری جان ہے،مردے آپس میں ایک دوسرے کو ایسے ہی جانتے پہچانتے ہیں جیسے سرشاخ پرندے ایک دوسرے کو پہچانتے ہیں۔ اب ام بشر بنو سلمہ کے ہر مرنے والے شخص کے پاس آتیں اور آ کر کہتیں : اے فلاں تم پر سلامتی ہو۔ وہ جواب دیتا: وعلیک السلام۔ پھر وہ عرض کرتیں : بشر کو میری طرف سے سلام کہہ دینا۔
حضرت سعیدبن جبیر فرماتے ہیں :
إذا مات المیت استقبلہ ولدہ کما یستقبل الغائب۔
یعنی جب کوئی دنیاسے رخصت ہوتا ہے تو اس کی اولاد اس کا ایسے ہی استقبال کرتی ہے جیسے کہ کسی مہمان کا(پر تپاک ) استقبال کیا جاتا ہے۔
حضرت ثابت بنانی فرماتے ہیں کہ (معتبر ذرائع سے) ہمیں یہ خبر پہنچی ہے کہ جب کسی کی روح قفس عنصری سے پرواز کر جاتی ہے تو اس سے پہلے دنیا سے چلے جانے والے اس کے عزیزو اقارب اس کی طرف دوڑے آتے ہیں ،اور اسے گھیر لیتے ہیں۔ وہ اسے دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور یہ انھیں دیکھ کر خوشی اورڈھارس محسوس کرتی ہے بالکل ایسے ہی جیسے کہ کوئی مسافراپنے اہل خانہ میں پہنچ گیا ہو۔

مردہ غسل و تکفین کرنے والے کو پہچانتا ہے

حضرت ابوسعید خدری سے مروی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن المیت یعرف من یغسلہ و یحملہ، ومن یکفنہ و یدلیہ في حفرتہ۔
یعنی مردہ غسل دینے والوں اور کفن پہنانے والوں کو پہچانتا ہے اور انھیں بھی جو اُسے کاندھے پر اُٹھا کر لیتے جاتے ہیں ،اور اس کی قبر میں اُتارتے ہیں۔
حضرت عمر بن دینار فرماتے ہیں :
ما من میت یموت إلا و روحہ في ید ملک ینظر إلی جسدہ کیف یغسل، و کیف یکفن، و کیف یمشی بہ، و یقال لہ وہو علی سریرہ: اسمع ثناء الناس علیک۔
یعنی جب کوئی مرتا ہے تواس کی روح فرشتہ کے ہاتھ میں ہوتی ہے اور اپنے جسدخاکی کو تکتی رہتی ہے کہ اسے کیسے نہلایا ، کفن پہنایا اور لے کر جایا جا رہا ہے۔ اور ابھی وہ مردہ تختہ غسل پر ہوتا ہے اور اس سے کہا جاتا ہے کہ سنو لوگ تمہاری کیا کیا تعریفیں کر رہے ہیں !۔
حضرت سفیان فرماتے ہیں :
إن المیت لیعرف کل شیء حتی إنہ لیناشد غاسلہ باللّٰہ إلا خففت علی غسلي۔
یعنی حقیقت یہ ہے کہ میت ہر چیز کو پہچانتی ہے حتیٰ کہ وہ غسل دینے والے سے اللہ کی قسم دلا کر کہتی ہے کہ غسل دینے میں کوئی سختی نہ کرنا۔
حضرت بکرمزنی فرماتے ہیں :
حدِّثت أن المیت یستبشر بتعجیلہ إلی المقابر۔
یعنی مجھے معلوم ہوا ہے کہ میت اس وقت زیادہ خوشی محسوس کرتی ہے جب اسے قبرستان کی طرف جلدی جلدی لے جایا جاتا ہے۔
حضرت ایوب فرماتے ہیں :
من کرامۃ المیت علی أہلہ تعجیلہ إلی حفرتہ۔
یعنی میت اپنے اہل خانہ کی اِحسان مند ہوتی ہے اگر وہ اسے قبر کے حوالے کرنے میں عجلت سے کام لیتے ہیں ۔

زمین و آسمان کا رونا

حضرت انس سے مروی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
ما من إنسان إلا لہ بابان في السماء باب یصعد منہ عملہ و باب ینزل منہ رزقہ، فإذا مات العبد بکیا علیہ۔
یعنی ہرانسان کے لیے( اللہ تعالیٰ نے )آسمان میں دو دروازے بنا رکھے ہیں ،ایک سے اس کے اعمال اوپر جاتے ہیں اور دوسرے سے اس کا رزق نیچے اُترتا ہے۔پھر جب وہ انسان مر جاتا ہے ،تو یہ دونوں دروازے اس کی موت پر گریہ و بکا کرتے ہیں۔
حضرت علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ فرماتے ہیں :
إن المؤمن إذا مات بکی علیہ مصلاہ في الأرض و مصعد عملہ في السماء۔
یعنی مومن جب مرتا ہے تو زمین پراُس کی سجدہ گاہ اور آسمان پر اُس کے عمل چڑھنے کی جگہ آہ و زاری کرتی ہے۔
حضرت عطا خراسانی فرماتے ہیں :
ما من عبد یسجد للّٰہ سجدۃ في بقعۃ من بقاع الأرض إلا شہدت لہ یوم القیامۃ و بکت علیہ یوم یموت۔
یعنی جب کوئی بندۂ مومن رضائے الٰہی کی خاطر روئے زمین کے کسی خطے پر اپنا سرنیازسجدے میں رکھتا ہے تو اتنا خطہ گیتی قیامت کے دن اس کی گواہی دے گا، اور جس دن وہ بندہ اس بزم دنیا سے اُٹھتا ہے اس کی موت پر روتا ہے۔
حضرت ابن عمرسے مروی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن المؤمن إذا مات تجملت المقابر بموتہ، فلیس منہا بقعۃ إلا وہي تتمنی أن یدفن فیہا۔
یعنی جب بندۂ مومن کی روح پرواز کرتی ہے تو پوراقبرستان اس کی موت کی وجہ سے (اس کے استقبال کے لیے) بن سنورجاتا ہے،اوراس قبرستان کا ہر ٹکڑا اُسے اپنے دامن میں پناہ دینے کا آرزومند ہوتا ہے۔

مومن کے ساتھ قبرکاسلوک

حضرت سعید بن مسیب سے مروی کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے دریافت کیا: یارسول اللہ! جب سے آپ نے مجھ سے منکر و نکیر کی آواز اور قبر کے جھٹکے کا حال بیان فرمایا ہے ،اس وقت سے مجھے کچھ بھی اچھا نہیں لگ رہا ہے۔ آپ نے فرمایا :
یا عائشۃ إن صوت منکر ونکیر في اَسماع المؤمنین کالإثمد في العین، و ضغطۃ القبر علی المؤمن کالأم الشفیقۃ یشکو إلیہا ابنہا الصداع فتغمز رأسہ غمزا رفیقا، ولکن یا عائشۃ ویل للشاکین في اللّٰہ کیف یضغطون في قبورہم کضغطۃ الصخرۃ علی البیضۃ۔
یعنی اے عائشہ! (مگر تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ)منکرو نکیر کی آواز اہل ایمان کے کانوں میں بالکل ایسے ہی محسوس ہو گی جیسے سرمہ اِثمد آنکھ میں۔ (یعنی بالکل محسوس نہیں ہو گی)اور مومن کو قبر اس طرح دبائے گی جیسے مشفق و مہربان ماں۔ جب کہ اس کا بیٹا اس سے دردِ سر کی شکایت کرتا ہے تو وہ اس کا سر نرمی سے دباتی ہے۔ مگر اے عائشہ! اللہ کے معاملے میں شکوک و شبہات میں پڑے رہنے والوں کا برا حال ہو گا، وہ قبر کے اس جھٹکے(اور دھماکے)کو کیسے برداشت کرسکیں گے جب لگے گا کہ کسی بڑی چٹان کو انڈے پردے مارا گیا ہو۔
حضرت محمد تیمی فرماتے ہیں کہ قبر کا دبانا در اصل ایسے ہی ہو گا جیسے کہ کسی کی ماں اسے(پیار سے)بھینچ رہی ہو۔ چوں کہ وہ اسی مٹی سے پیدا کیے گئے تھے پھر اُس سے مدتوں بچھڑے رہنے کے بعد اس کی اولاد جب اس کے پاس واپس آتی ہے تو وہ انھیں ایسے ہی (پیارسے) دَباتی ہے جیسے شفیق ماں اپنے بچھڑے ہوئے بچے کو مدتوں بعد پا کر بھینچتی ہے، لہٰذا جو اللہ کے پیکرانِ طاعت ہیں انھیں تو نہایت ہی رفق و نرمی سے بھینچتی ہے ، لیکن جو اللہ کے نافرمان ہیں انھیں مارے غصے کے خوب سختی و بے دردی سے دَبا کر رکھ دیتی ہے۔

قبر میں مومن کا خیر مقدم

حضرت ابوسعید خدری سے مروی کہ حضوراقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إذا دفن العبد المؤمن قال لہ القبر: مرحباً و أہلا أما إن کنت لأحب من یمشي علی ظہري إلي، فإذا ولیتک الیوم و صیرت إلي فستری صنعي بک فیتسع لہ مد بصرہ، و یفتح لہ باب إلی الجنۃ۔
یعنی جب بندۂ مومن کی تدفین عمل میں آتی ہے توقبراس سے مخاطب ہو کر کہتی ہے:مرحبا خوش آمدید۔میری پیٹھ پر چلنے والوں میں تو مجھے سب سے زیادہ عزیز و محبوب تھا،تو آج جب کہ تم میری آغوش میں آ گئے ہو تو دیکھو اب میں تمہاری کیا ضیافت کرتی ہوں اور تمہاری رفاقت کا حق کیسے ادا کرتی ہوں ،چنانچہ قبر تا حد نگاہ اس کے لیے کشادہ ہو جاتی ہے،اورسوئے جنت جانے والا ایک دَراس کے لیے واہو جاتا ہے۔
حضور اکرم رحمت عالم نورمجسم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا ارشاد پاک ہے :
إنما القبر روضۃ من ریاض الجنۃ أوحفرۃ من حفرالنار۔(۱۵)
یعنی بلا شبہ قبر جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے۔ یا جہنم کے گڑھوں میں سے ایک گڑھا۔

سوالِ منکر نکیر کے وقت مومن کو بشارت

حضرت قتادہ حضرت انس سے روایت کرتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
إن العبد إذا وضع في قبرہ و تولی عنہ أصحابہ، و إنہ لیسمع قرع نعالہم، قال: یأتیہ ملکان فیقعدانہ فیقولان: ما کنت تقول في ہٰذا الرجل؟ فأما المؤمن فیقول: أشہد أنہ عبد اللّٰہ و رسولہ، فیقولان: أنظر إلی مقعدک في النار و قد أبدلک اللّٰہ بہ مقعدا من الجنۃ۔ فیراہما جمیعا۔
قال قتادۃ: و ذکِرَ لنا أنہ یفسح لہ في قبرہ سبعون ذراعا و یملأ علیہ خضرا۔ (۱۶)
یعنی بندہ جب قبر میں رکھا جاتا ہے اوراس کے دوست آشنا وہاں سے لوٹنے لگتے ہیں تو وہ اُن کے جوتوں سے اُبھرنے والی آواز کو بھی سنتا ہے۔پھر دو فرشتے آ کر اُسے بٹھاتے ہیں اور پوچھتے ہیں :اِس شخص کے بارے میں تو کیا کہا کرتا تھا؟
اگر وہ بندۂ مومن ہو تو کہہ اُٹھے گا:میں گواہی دیتا ہوں کہ یہ اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ اس پر وہ فرشتے کہتے ہیں :جہنم میں اپنے اس ٹھکانے پر ذرا ایک نظر ڈال،لیکن (تیری نیک بختی کہ ) اللہ نے تجھے اس کے بدلے جنت میں رہائش عطا کی ہے۔تو اُس وقت جنت و جہنم دونوں بندوں کو دِکھائی جاتی ہے۔
حضرت قتادہ فرماتے ہیں کہ (بلکہ آقائے کریم علیہ السلام نے ہم سے توسیع قبر کی تفصیل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ) قبراس کے لیے سترگزتک کشادہ ہو جاتی ہے اور پھر ہر طرف ہریالی و شادابی کاسماں ہوتا ہے۔
اسی سے ملتی جلتی ایک حدیث حضرت انس نے بھی روایت کی ہے جس کے آخر میں اتنا اضافہ ہے :
فیقول دعوني حتی أذہب فأبشرَ أہلي: فیقال لہ اسکن۔
یعنی وہ بندہ یہ سب دیکھ کر (فرشتوں سے )عرض کرتا ہے: مجھے ذرا مہلت دیں کہ میں جا کر اپنے اہل و عیال کو ان چیزوں کی خوشخبری سناآؤں۔ تو اس سے کہا جاتا ہے کہ ابھی تو یہیں آرام کر اور صبر سے کام لے۔
حضرت ابوہریرہ سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ جب میت دفن کر دی جاتی ہے تو اس کے پاس دوسیاہ اور نیلگوں آنکھوں والے فرشتے آتے ہیں جن میں سے ایک کو منکر اور دوسرے کو نکیر کہا جاتا ہے۔وہ میت سے پوچھتے ہیں :تم اس شخص کے بارے میں کیا کہا کرتے تھے(اور کیا عقیدہ رکھتے تھے) ؟ تو وہ کہتی ہے: یہ تو اللہ کے محبوب بندے اور اس کے برگزیدہ رسول ہیں۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمداس کے بندے اور رسول ہیں۔ فرشتے کہتے ہیں :
قد کنا نعلم أنک تقول ہٰذا، ثم یفسح لہ في قبرہ سبعون ذراعا في سبعین عرضا، ثم ینور لہ فیقول : دعوني أرجع إلی أہلي فأخبرہم، فیقولان: نم نومۃ العروس الذي لا یوقظہ إلا أحب أہلہ إلیہ، حتی یبعثہ اللّٰہ تعالیٰ من مضجعہ ذلک۔ (۱۷)
یعنی ہمیں تم سے اِسی جواب کی توقع تھی،لہٰذا اُس کی قبر کو طول و عرض میں ستر ستر گز کشادہ کر کے اسے خوب روشن و منور کر دیا جاتا ہے۔(قدرت کی ان نوازشوں کو دیکھنے کے بعد میت بے ساختہ) پکار اُٹھتی ہے:مجھے چھوڑو تاکہ میں اپنے اہل خانہ کو جا کر اِن چیزوں کی خبر دے سکوں۔ تو وہ کہتے ہیں :اب تو(بے خوف) دُلہن کی مانند (آرام سے) سوجا جسے اُس کے محبوب و منظورِ نگاہ کے علاوہ کوئی اور نہیں جگا سکتا،حتیٰ کہ اللہ تعالیٰ اسے اس جگہ سے دوبارہ اُٹھائے گا۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی کہ حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: اس ذاتِ اقدس کی قسم جس کے دست قدرت میں میری جان ہے مردہ جب سرلحدرکھا جاتا ہے تو وہ واپس لوٹ کر جانے والوں کے جوتوں کی آہٹ بھی سنتا ہے۔اب اگر وہ مومن ہوا تو (اس کی غمگساری کی خاطر) نمازاُس کے سرہانے، زکوٰۃ دائیں طرف، روزہ بائیں سمت اور اس کے اعمالِ صالحہ نیز لوگوں کے ساتھ نیکی واحسان اس کی پائنتی کے پاس آ کر کھڑی ہو جاتی ہیں۔
اب سرہانے کی طرف سے آنے والا کہتا ہے کہ میں نماز ہوں میری طرف سے کوئی ایذا نہیں پہنچ سکتی۔اور داہنی طرف سے آنے والا کہتا ہے کہ میں زکوٰۃ ہوں میری طرف سے تجھے کسی قسم کا حزن نہ ہو گا۔ اور بائیں جانب سے آنے والا کہتا ہے کہ میں تمہارے نیک اعمال و احسانات ہوں میرے سامنے سے کوئی سختی نہیں گزر سکتی۔
پھر اس سے کہا جاتا ہے:بیٹھ جاؤ۔جب وہ بیٹھتا ہے تواسے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سورج بس غروب ہی ہونے والا ہے۔اس سے کہا جاتا ہے کہ ہم تم سے جو پوچھیں اس کے بارے میں ہمیں (ٹھیک ٹھیک )بتانا۔وہ بندۂ مومن کہتا ہے: ذرا رُکو میں نماز تو اَدا کر لوں۔ تو وہ کہتے ہیں :اگر تم (نماز میں )مشغول ہو گئے تو پھر ہمارے سوال کا جواب کیسے دو گے؟وہ کہتا ہے اچھا پوچھو کیا پوچھنا چاہتے ہو؟چنانچہ وہ سوال کرتے ہیں : اس شخص کے بارے میں تم کیا کہا کرتے تھے جو تم میں (مبعوث ہوا) تھا؟ بندۂ مومن جواب میں کہتا ہے:میں گواہی دیتا ہوں کہ وہ رسول اللہ ہیں ، پروردگار عالم کی طرح سے روشن آیتیں لے کروہ ہمارے درمیان جلوہ افروز ہوئے تھے، توہم نے ان کی تصدیق کی اور(جان و دل سے )اُن کی پیروی کی۔
اب اس سے کہا جاتا ہے کہ تم نے بالکل سچ کہا۔تیری پوری زندگی اسی کی آئینہ دار رہی،تیری موت بھی اسی پر واقع ہوئی اور انشاء اللہ تو آمنین کے ساتھ اسی پر دوبارہ بھی اُٹھایا جائے گا۔اب اس کی قبر تا حد نظر پھیلا دی جاتی ہے۔حکم ہوتا ہے کہ جہنم کا ایک دروازہ اس کے لیے وا کیا جائے،اوراس سے کہا جاتا ہے: اگر تم اللہ کے نافرمان ہوتے توسمجھو کہ یہی تمہارا ٹھکانہ تھا،(یہ سن کر )اُس کا اِشتیاق وسرور دو آتشہ ہو جائے گا۔ اب حکم ہو گا کہ سوئے جنت کو جاتا ایک دروازہ اس کے لیے وا کیا جائے، چنانچہ اسے وا کرنے کے بعد اس سے کہا جائے گا: یہ تمہاری رہائش گاہ ہے اور وہ سب کچھ جو اللہ نے خاص تمہارے لیے تیار کر رکھا ہے۔اب اس کی شوق و لگن اور فرحت وانبساط کا گراف اور بڑھ جاتا ہے۔پھر جسم کو اس کی اصل مٹی کی طرف پلٹا دیا جاتا ہے اور اس کی روح سبز پرندے کی شکل میں خوشبودار ہوا میں اُڑا کر جنت کے درخت پر آرام سے بیٹھ جاتی ہے۔ (۱۸)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں : جب میت قبر میں رکھ دی جاتی ہے تواس کے اعمالِ صالحہ اس کے پاس آ کراسے گھیر لیتے ہیں۔ اب اگر کوئی سرہانے سے آنا چاہے تو قراءتِ قرآن آگے آ جاتی ہے۔پائنتی سے آنا چاہے تو شب کا قیام آگے آ جاتا ہے۔ اس کے ہاتھوں کی طرف سے آنا چاہے تو اس کے ہاتھ بول پڑتے ہیں : قسم بخدا! ہمیں اس نے ہمیشہ دعاؤں میں پھیلایا اور ہم سے صدقہ و خیرات کیا، لہٰذا تمہاری ہم پر کچھ نہ چلے گی۔اگر اس کے منہ کی راہ سے آنا چاہے تو اس کا ذکر و روزہ آگے بڑھ جاتا ہے۔
یوں ہی ایک طرف سے صبر و صلوٰۃ آ جاتے ہیں۔ یعنی جہاں کہیں بھی ضرورت محسوس ہوئی تو اعمال دوستی کا ہاتھ بڑھاتے نظر آئیں گے۔ اور اعمالِ صالحہ اس کا بالکل ایساہی دفاع کریں گے جیسے کوئی شخص اپنے بھائی، دوست اور اہل و عیال کی طرف سے دفاع کیا کرتا ہے۔اب ایسے موقع پر اس سے کہا جائے گا : اب (چین کی نیند) سوجاؤ،اللہ تمہاری خواب گاہ میں برکتیں اُتارے۔ واہ! تمہاری یہ حالت کتنی اچھی ہے! اور تمہارے دوست کتنے اچھے اور عمدہ دوست ہیں !!۔
حضرت اسماسے مروی کہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا : جب انسان اپنی قبر میں چلا جاتا ہے تو اگر مومن ہوا تو نماز روزہ اس کے سارے اعمال چاروں طرف سے آ کر اسے گھیر لیتے ہیں۔ اب جب فرشتہ نماز کی طرف سے آتا ہے تو نماز اسے روک دیتی ہے،یوں ہی روزہ کی سمت سے آتا ہے تو روزہ آڑ بن جاتا ہے۔
اب فرشتہ پکار کر کہتا ہے:اُٹھ کر بیٹھ جا،جب وہ بیٹھتا ہے تو فرشتہ پوچھتا ہے: اس شخص یعنی محمد کے بارے میں تم کیا کہتے تھے؟کہے گا:میں ان کے رسول اللہ ہونے کی گواہی دیتا ہوں۔ وہ پوچھے گا: تم نے کیسے جانا کہ یہ رسول اللہ ہیں ؟کہے گا: بس میں گواہی دیتا ہوں کہ یہ اللہ کے رسول ہیں۔ یہ سن کر وہ فرشتہ کہے گا:اسی شہادت پر تم نے زندگی بسرکی،اسی پر دنیا سے اُٹھے اورپھراسی پر (انشاء اللہ) دوبارہ اُٹھائے جاؤ گے۔
حضرت بحر بن نصر صائغ کہتے ہیں کہ میرے والد بہت ذوق و شوق سے نمازِ جنازہ میں شریک ہوتے تھے۔ کہنے لگے: اے بیٹے! ایک دن میں کسی کے جنازہ میں شریک تھا، جب لوگ اسے لے کر دفن کرنے چلے تو میں نے دیکھا کہ قبر کے اندر دو آدمی اُترے۔پھر ایک تو نکل گیا مگردوسرا اُسی میں رہ گیا اور لوگوں نے مٹی ڈال کر اسے بھی پاٹ دیا۔میں نے کہا: لوگو! یہ تو بڑی عجیب بات ہے کہ تم نے مردے کے ساتھ ایک زندہ کو بھی دفن کر دیا۔بولے:ایسی کوئی بات تو نہیں۔
کہتے ہیں : تومیں نے اپنے جی میں سوچاکہ شاید مجھے شبہہ یا مغالطہ ہو گیا ہو۔ یہ سوچتے ہوئے میں لوٹ آیا مگر دل میں یہ تھا کہ میں اس وقت آرام نہیں کروں گا جب تک اس معاملے کی حقیقت اللہ مجھ پر منکشف نہ فرما دے۔چنانچہ (تسکین خاطر کے لیے)میں دوبارہ اس قبر کے پاس آیا اور دس مرتبہ سورۂ یس و سورۂ ملک پڑھا،اور روتے ہوئے اللہ کی بارگاہ میں دعا کی: اے پروردگار! جو کچھ میری آنکھوں نے دیکھا ہے اس کی حقیقت مجھ پر آشکارا فرما دے،کیوں کہ میری عقل عالم حیرت میں ہے۔
اتنا کہنا تھا کہ قبر پھٹ گئی اور وہ شخص باہر نکل آیا اور اُلٹے پاؤں واپس جانے لگا۔میں نے عرض کیا: اے شخص! خداواسطے ،رُک اور میرے دلی خطرات کو اپنے جواب سے دور کرتا جا۔مگر اس نے میری بات پر ذرہ بھر بھی توجہ نہ کی۔
میں نے جب دو تین بار اس سے منت سماجت کی تو وہ مجھ سے مخاطب ہو کر کہتا ہے: نصر صانع تمہیں کو کہتے ہیں ؟ میں نے کہا:ہاں۔ تو تم مجھے نہیں جانتے؟ میں نے کہا: نہیں۔ فرمایا:ہم ملائکہ رحمت ہیں۔ ہمارے ذمہ یہ کام سونپا گیا ہے کہ جب اہلسنّت (جادۂ سنت پر گامزن حضرات) اپنی قبروں میں اُتارے جائیں توہم جا کر انھیں تلقین کریں تاکہ اُن پر حجت قائم ہو جائے۔اتنا کہہ کر وہ میری نگاہوں سے اوجھل ہو گیا۔
حضرت شقیق بلخی فرماتے ہیں :
طلبنا ضیاء القبور فوجدناہ في صلاۃ اللیل، وطلبنا جواب منکر ونکیر فوجدناہ في قراء ۃ القرآن، و طلبنا العبور علی الصراط فوجدناہ في الصوم و الصدقۃ، وطلبنا ظل یوم الحساب فوجدناہ في الخلوۃ۔
یعنی ہم نے قبر کی روشنی طلب کی تو وہ رات کی (تنہائیوں میں ادا کی جانے والی ) نمازوں میں ملی۔ہم نے منکر و نکیر کے جواب کی جستجوکی تو وہ ہمیں قرآن کریم کی تلاوت سے ہاتھ آیا۔ہم نے پل صراط سے پار ہونے کے متعلق غور و خوض کیا تو وہ روزہ و صدقہ میں نظر آیا۔ اور ہم نے یوم حساب کے سایہ کی تجسس کی تو وہ ہمیں خلوت نشینیوں میں دستیاب ہوا۔
حضرت ابن عمرسے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
ما من مسلم أو مسلمۃ یموت لیلۃ الجمعۃ أو یوم الجمعۃ إلا وقي عذاب القبر، وفتنۃ القبر، و لقي اللّٰہ و لا حساب علیہ، وجاء یوم القیامۃ و معہ شہود یشہدون لہ أو طابع۔
یعنی جس مسلمان مرد و عورت کو شب جمعہ یا روزِ جمعہ میں مرنا نصیب ہو وہ قبر کے فتنہ و عذاب سے محفوظ کر دیا جاتا ہے،اور وہ حساب و کتاب کے جھمیلوں سے آزاد ہو کر اللہ سے ملاقات کرتا ہے۔اور قیامت کے دن اس شان سے آئے گا کہ اس کی گواہی دینے کے لیے اس کے ساتھ خصوصی گواہ یا مہریں ہوں گی۔
یوں ہی اس تعلق سے بہت سی حدیثیں اور اہل علم کے اَقوالِ وارد ہوئے ہیں کہ کن کن سے سوالِ قبر نہ ہو گا،تو اُن میں شہدا، صدیقین، سرحد اِسلامی کے محافظین، پیکرانِ طاعت ،نیز -راجح قول کے مطابق- چھوٹے بچے شامل مانے گئے ہیں ۔

قبر میں مومن پر عذاب کی کیفیت

حضرت ابن عمرسے مروی کہ حضوراقدس صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
القبر روضۃ من ریاض الجنۃ أو حفرۃ من حفر النار۔ (۱۹)
یعنی قبر جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے۔ یا جہنم کے گڑھوں میں سے ایک گڑھا۔
ترمذی نے اسی کے مثل حدیث حضرت ابوسعیدخدری سے اور طبرانی نے معجم اوسط میں حضرت ابوہریرہ سے روایت کی ہے۔
حضرت ابن عمر روایت کرتے ہیں کہ آقائے کریم علیہ الصلوٰۃ والتسلیم نے فرمایا :
إن الرجل إذا توفي في غیر مولدہ یفسح لہ من مولدہ إلی منقطع أثرہ۔
یعنی کوئی شخص جب اَپنے (وطن اور)جائے پیدائش کے علاوہ کہیں اور وفات پاتا ہے تو اُس کی قبر اس کی جائے ولادت سے لے کر جہاں تک اُس کا اثرو رسوخ تھا وہاں تک وسیع و کشادہ کر دی جاتی ہے۔
الفاظ کے معمولی فرق کے ساتھ ایک روایت یوں بھی ہے :
إن الرجل إذا توفي في غیر مولدہ قِیسَ لہ من مولدہ إلی منقطع أثرہ في الجنۃ۔ (مسند احمد:۱۳؍ ۴۰۷ حدیث: ۶۳۶۹…کنزالعمال: ۶؍ ۴۹۴ حدیث: ۱۶۶۹۲)
حضرت ابن مسعود سے مروی کہ حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن أرحم ما یکون اللّٰہ بالعبد إذا وضع في حفرتہ۔ (۲۰)
یعنی اللہ سبحانہ و تعالیٰ بندوں پر اس وقت کچھ زیادہ ہی رحیم و مہربان ہو جاتا ہے جب وہ (بے کسی اور تنہائی کے عالم میں )زیر لحد پڑا ہوتا ہے۔
اور دیلمی نے یوں روایت کیا ہے :
یفسح للرجل في قبرہ کبعدہ من أہلہ۔
یعنی مردہ کے لیے اس کی قبر اس کے گھر والوں تک کشادہ کر دی جاتی ہے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
المؤمن في قبرہ في روضۃ خضرائ، ویرحب لہ في قبرہ سبعون ذراعاً، وینور لہ في قبرہ کلیلۃ البدر۔ (۲۱)
یعنی بندۂ مومن اپنی قبر کے اندر سرسبزو شاداب باغ میں ہوتا ہے۔ اس کی قبرسترگزچوڑی کر دی جاتی ہے۔نیز اس کی قبرکواس طرح روشن و منور کر دیا جاتا ہے جیسے کہ چودھویں رات کی چاندنی نے اس میں بسیرا کر رکھا ہو۔
حضرت انس روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن أرجی ما یکون اللّٰہ تعالیٰ بالعبد إذا وضع في قبرہ۔
یعنی میں امید رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ بندہ کے ساتھ بہت کچھ کرم فرمائے گا جب کہ اسے قبر میں اُتار دیا جائے گا۔
حضرت ابن عباس سے مروی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إذا مات العالِم صور اللّٰہ لہ علمہ في قبرہ، فیؤنسہ إلی یوم القیامۃ و یدرأ عنہ ہوام الأرض۔
یعنی جب ایک عالم (با عمل) دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو اللہ تعالیٰ (اپنی قدرت کاملہ سے )اس کے علم کو اُس کی قبر میں صورت پذیر فرما دیتا ہے جس سے وہ قیامت کی دیواروں تک اُنسیت حاصل کرتا اور بہلتا رہے گا،نیز وہ علم اسے زمین کے موذی جانوروں سے بھی محفوظ رکھے گا۔
اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو بذریعہ وحی مطلع فرمایا :
تعلم الخیر و علمہ الناس، فإني منور لمعلم العلم و متعلمہ قبورہم لا یستوحشوا بمکانہم۔
یعنی (دارین کی)خیر و بھلائی(والے علوم) خود بھی سیکھیں اور لوگوں کو بھی سکھائیں ، کیوں کہ میں علم سکھانے اورسیکھنے والے دونوں کی قبریں روشن رکھتا ہوں جس سے انھیں (قبر کی تنہائی میں )کسی وحشت کا احساس نہیں ہوتا۔
حضرت ابن کامل سے مروی کہ رسول گرامی وقار صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
من کف أذاہ عن الناس کان حقاً علی اللّٰہ أن یکف عنہ عذاب القبر۔ (۱۲۲
یعنی جو لوگوں کو تکلیف و اذیت نہیں پہنچاتا(یاجس کی اذیت و شرسے لوگ محفوظ ہیں )،اللہ سبحانہ و تعالیٰ اس کو عذابِ قبر سے ضرور محفوظ رکھے گا۔
یکے از اولیاسے منقول ہے۔ وہ فرماتے ہیں کہ میں نے ایک بار اللہ تعالیٰ سے درخواست کی کہ مجھے قبر والوں کے حالات پر مطلع فرما۔ چنانچہ ایک شب میں تخت پر سویا ہوا تھا کیا دیکھتا ہوں کہ قبریں پھٹ پڑی ہیں ، کوئی دہاڑ مار مار کے رو رہا ہے،اور کوئی کھل کھلا کے ہنس رہا ہے۔
میں نے عرض کیا: مولا! اگر تو چاہتا تو عزت و کرامت میں یہ سب ایک برابر ہوتے۔ تو ان اہل قبور میں سے ایک نے چلا کر کہا: اے فلاں ! یہ سب کچھ اعمال کی کمی و بیشی کا نتیجہ ہے۔ یہ جو زرق برق لباس والے ہیں ، یہ دراصل (دنیا میں ) اَخلاق و کردار کے دھنی تھے۔ وہ ریشم و دیبا میں ملبوس اہل شہادت ہیں۔ وہ خوشبوؤں میں بسے ہوئے روزہ دار لوگ ہیں۔ وہ کیف وسرور میں بدمست اللہ واسطے دوستی کرنے والے لوگ ہیں۔ اور وہ گریہ و بکا کرنے والے گنہ گاروسیہ کار ہیں۔
حضرت یافعی فرماتے ہیں : مردوں کو اچھی یا بری حالت میں دیکھنا یہ ایک طرح کا کشف ہوتا ہے، جسے اللہ تعالیٰ اس لیے ظاہر فرماتا ہے تاکہ اس سے لوگوں کو خوش خبری دی جا سکے،یا ان کی ہدایت و نصیحت کاسامان کیا جا سکے۔ یا پھر اس سے مردے کی کوئی اور مصلحت متعلق ہوتی ہے۔یا اسے کوئی بھلائی پہنچانا یا قرض کی ادائیگی کرنا مقصود ہوتی ہے وغیرہ وغیرہ۔پھر یہ رؤیت کبھی حالت خواب میں ہوتی ہے، اور زیادہ ترایساہی ہوتا ہے، اور کبھی عالم بیداری میں۔
کفایۃ المعتقد میں ہے : صالحین اُمت میں سے ایک بزرگ نے کسی مردِ صالح کی حکایت نقل کی کہ (انتقال کے بعد)اُس کی والدہ اُس کے پاس نہ صرف آیا کرتیں بلکہ بات چیت بھی کیا کرتی تھیں۔
حضرت یحییٰ بن معین فرماتے ہیں کہ مجھ سے ایک مرتبہ کسی گورکن نے کہا:جو کچھ میں نے ان قبروں میں دیکھا ہے اگر آپ سنیں گے تو ورطہ حیرت میں آ جائیں گے۔ میں نے ایک قبرسے مریض کے کراہنے کی طرح آہ و کراہ کی آواز سنی ہے۔اور ایک قبر والے کو موذن کی اَذان کا جواب دیتے ہوئے بھی سناہے۔

قبر میں مردوں کا نمازیں پڑھنا

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ ایک صحابی رسول غیر شعوری طور پر کسی قبر کے اوپر بیٹھ گئے۔ حالاں کہ وہ ایک (قدیم)قبر تھی جس میں ایک انسان نے شروع سے لے کر اخیر تک سورۂ ملک کی تلاوت کی، پھر آقائے کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پاس آ کر انھوں نے اس واقعے کی خبر دی، تورسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
ہي المانعۃ، وہي المنجیۃ تنجیہ من عذاب القبر۔
یعنی یہ (سورہ) روکنے،دفع کرنے اور نجات دینے والی ہے جو میت کو عذاب قبر سے محفوظ رکھتی ہے۔
حضرت ابوالقاسم سعدی’’کتابُ الافصاح‘‘ میں فرماتے ہیں :
ہٰذا تصدیق من رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم بأن المیت یقرأ في قبرہ، فإن عبد اللّٰہ أخبرہ بذلک و صدقہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم۔
یعنی گویا میت کا قبر کے اندر تلاوت کرنا رسول اللہ صلی ا للہ علیہ وسلم کے فرمان سے ثابت ہو گیا،کیوں کہ حضرت عبد اللہ بن عباس نے جب اس کی خبر دی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اس پر مہر تصدیق ثبت فرما دی۔
حضرت طلحہ بن عبید اللہ فرماتے ہیں کہ میں اپنے ایک سفرکے دوران کسی جنگل میں تھا،رات ہوئی تو وہیں عبد الملک بن عمرو بن حزام کی قبر کے پاس پناہ گزیں ہو گیا، یکایک میں نے قبر کے اندرسے نہایت خوش آوازی کے ساتھ تلاوتِ قرآن کی آوازسنی،ایسا پڑھنا تواس کے پہلے میں نے کبھی نہ سنا تھا۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے پاس آ کر میں نے ساراقصہ کہہ سنایاتوآپ نے فرمایا :
ذلک عبد اللّٰہ، ألم تعلم أن اللّٰہ قبض أرواحہم فجعلہا في قنادیل من زبرجد و یاقوت، ثم علقہا وسط الجنۃ، فإذا کان اللیل ردت إلیہم أرواحہم فلا تزال کذالک حتی یطلع الفجر، فإذا طلع الفجر ردت أرواحہم إلی مکانہا الذي کانت فیہ۔
یعنی ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ شاید تمہیں معلوم نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی روحوں کو قبض کر کے انھیں یاقوت و زبرجد کی قندیلوں کی شکل دے دی ہے پھر وسط جنت میں انھیں آویزاں کر دیا ہے۔پس جب رات آتی ہے تو ان کی روحیں ان کے جسموں میں لوٹا دی جاتی ہیں جو تا دم سحر بدستور ان کے ساتھ ہوتی ہیں، پھر جب سپیدۂ سحر نمودار ہو جاتا ہے تو ان کی روحیں پھر وہیں لوٹا دی جاتی ہیں جہاں (وسط جنت میں )وہ تھیں۔
حضرت ابراہیم بن عبد الصمد مہدی فرماتے ہیں کہ دم سحرگاہی قلعہ سے ہو کر گزرنے والوں کے ذریعہ مجھے یہ پتا چلا کہ وہ فرماتے ہیں : جب مقام جبانہ میں ثابت بنانی کی قبر سے ہمارا گزر ہوا تو وہاں تلاوتِ قرآن کی آواز ہمارے کانوں سے ٹکرائی۔
حضرت عکرمہ فرماتے ہیں :
یؤتی المؤمن مصحفا یقرأ فیہ۔
یعنی (قبر کے اندر) مومن کو ایک مصحف عطا کیا جاتا ہے تاکہ وہ قبر کے اندر اس کی تلاوت (جاری )رکھ سکے۔
حضرت عاصم سقطی فرماتے ہیں کہ ہم نے شہر بلخ کے اندر ایک قبر کھودی جب اس میں داخل ہوئے تو دیکھا کہ قبر کے اندر بالکل ہرے بھرے ماحول میں ایک سبزپوش شیخ قبلہ رو متوجہ ہیں ،اور اپنی گود میں قرآن کریم لے کر تلاوت فرما رہے ہیں۔
حضرت ابونضر نیشاپوری- جو کہ ایک نیک و صالح گورکن تھے- فرماتے ہیں کہ ایک بار میں قبر کا گڈھا کھود رہا تھا کہ اچانک ایک دوسری قبر کھل گئی، جب اس میں جھانک کر دیکھا تو میری نظر چار زانو بیٹھے ہوئے ایک خوش لباس و خوبرو اور خوشبو پوش نوجوان پر پڑی جس کی گود میں نہایت خوش خط ایک کتاب تھی کہ اپنی زندگی میں میں نے اس جیسی عمدہ کتابت کبھی نہیں دیکھی تھی، اور وہ قرآن پڑھ رہا تھا۔ مجھے دیکھ کر کہنے لگا: کیا قیامت برپا ہو گئی ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ کہا: پھر وہ اینٹوں کو ان کی جگہوں پر رکھ دو، چنانچہ میں نے اینٹیں درست کر کے دیوار برابر کر دی۔
حضرت سہیلی ’’دلائل النبوۃ‘‘ میں کسی صحابی کا واقعہ نقل کرتے ہیں کہ انھوں نے اپنے وطن میں ایک قبر کھودی تو اچانک ایک طاقہ کھل گیا(جھانک کر دیکھا) تو ایک شخص تخت پر بیٹھا قرآن کریم کی تلاوت کر رہا ہے،اوراس کے اردگرد کا پورا ماحول سرسبزو شاداب اور لالہ زار بنا ہوا ہے۔اور وہ میدان اُحد تھا۔ ایسا لگا کہ شاید وہ شہدائے احد میں سے کوئی صحابی ہو گا کیوں کہ اس کے رخسارپرزخم کا نشان ہویدا تھا۔ ابن حبان نے بھی اسے اپنی تفسیرمیں بیان فرمایا ہے۔
حضرت یافعی ’’روضۃ الریاحین‘‘ میں رقم طراز ہیں کہ ایک مردِ صالح کا قول ہے کہ میں نے ایک بندۂ مومن کی قبر کھودی اوراس کی لحد کو برابر کر رہا تھا کہ اُس سے لگی ہوئی دوسری قبر کی ایک اینٹ اچانک گر پڑی۔ جب میں نے جھانک کر دیکھا تو اس میں چمکتاہواسفید لباس پہنے ہوئے ایک بزرگ نظر آئے جن کی گود میں سونے کا ایک قرآن تھا، اس کی کتابت بھی آب زریں سے ہوئی تھی،اور وہ اس کی تلاوت میں مصروف تھے۔انھوں نے میری طرف سراُٹھاکرکہا: کیا قیامت قائم ہو گئی ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ کہا: اللہ تجھے خیر و عافیت سے رکھے ،اینٹ کواس کی جگہ پر رکھ دو۔ چنانچہ میں نے وہ اینٹ وہیں رکھ دی۔
حضرت یافعی ہی سے یہ بھی منقول ہے کہ کسی معتبر گورکن سے ہمیں یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ اس نے ایک مرتبہ ایک قبر کھودی تواسے تخت پر بیٹھے اور ہاتھوں میں قرآن لے کر پڑھتے ہوئے ایک انسان کو دیکھنے کا اتفاق ہواجس کے نیچے نہریں رواں دواں تھیں۔ یہ دیکھ کر اس پر غشی طاری ہو گئی، قبر سے چکراتا ہوا نکلا اور اس واقعے کا اس پر اتنا گہرا اَثر ہوا کہ تیسرے دن جا کراسے ہوش آیا۔

مومن کو قبر میں فرشتے قرآن پڑھاتے ہیں

حضرت ابوسعید خدری سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
من قرأ القرآن ثم مات و لم یستظہرہ أتاہ ملک یعلمہ في قبرہ فیلقی اللّٰہ و قد استظہرہ۔ (۲۳)
یعنی جس نے قرآن کریم پڑھنے کا آغاز کیا اور تکمیل قرآن سے پہلے ہی انتقال کر گیا تواس کی قبر میں تعلیم قرآن کے لیے ایک خصوصی ملکوتی نمائندہ متعین کر دیا جاتا ہے ،اس طرح اللہ کی توفیق سے وہ مکمل قرآن پڑھ لیتا ہے۔
حضرت عطیہ عوفی فرماتے ہیں : مجھ تک (معتبر ذرائع سے) یہ بات پہنچی ہے کہ جب کوئی بندۂ مومن اس حال میں اللہ سے ملاقات کرتا ہے کہ اسے قرآن کریم سیکھنے کا موقع ہی نہ ملا، تو اللہ سبحانہ و تعالیٰ نہ صرف یہ کہ اسے قرآن سکھاتا ہے بلکہ اس پر اسے ثواب بھی عطا فرماتا ہے۔
حضرت حسن فرماتے ہیں :مجھ تک (معتبر ذرائع سے) یہ خبر پہنچی ہے کہ جب کوئی بندۂ مومن دنیا سے اس حال میں رخصت ہو کہ اسے قرآن یاد کرنے کا موقع ہاتھ نہ آیا تو پروردگار عالم اس کے نگہبان فرشتوں کو حکم دیتا ہے کہ اسے اس کی قبر میں زیورِ تعلیم قرآن سے آراستہ کریں تاکہ کل قیامت کے دن اس کا حشر بھی اہل قرآن کے ساتھ ہو۔
حضرت یزید رقاشی فرماتے ہیں :مجھے (معتبر ذرائع سے) معلوم ہوا ہے کہ اگر کوئی بندۂ مومن اس حال میں وفات پا جائے کہ اس کی تعلیم قرآن ابھی مکمل نہ ہوسکی ہو تو اللہ سبحانہ و تعالیٰ اس کے پاس کچھ ایسے مخصوص فرشتے بھیجتا ہے جواس کا بقیہ حصہ حفظ کرادیتے ہیں تاکہ وہ قبر سے قرآن مجید کا حافظ ہو کر اُٹھے۔

قبر میں مومن کا لباسِ فاخرہ

حضرت عبّاد بن بشر فرماتے ہیں کہ دم رخصت حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا :
اغسلي ثوبيَّ ہٰذین وکفّنیني بہما، فإنما أبو بکر أحد الرجلین إما مکسُوّاً أحسن الکسوۃ و إما مسلوباً أسوأ السلب۔
یعنی میرے یہی دونوں (پرانے) کپڑے دھل کر میری کفن کے لیے استعمال کر لینا۔ کیوں کہ ابوبکر کا حال ان دو شخصوں میں سے ایک کی مانند ہو گا کہ آیا اسے اعلیٰ و پرکشش مرقع زیبا پہنایا جائے ، یا اس کے پوشاک کو پورے طور پر (اس کے جسم سے) نوچ لیا جائے۔
حضرت یحییٰ بن راشد فرماتے ہیں کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے وصیت کرتے ہوئے فرمایا
اقتصدوا في کفني، فإنہ إن کان لي عند اللّٰہ خیر أبدلني ما ہو خیر منہ ، و إن کنت علی غیر ذلک سلبني و أسرع سلبي، و اقتصدوا في حفرتي فإنہ إن کان لي عند اللّٰہ خیر وسع لي في قبري مد البصر، و إن کنت علی غیر ذلک ضیق علي حتی تختلف أضلاعي۔
یعنی میری تکفین کے سلسلے میں تم نہایت درمیانہ روی سے کام لینا،کیوں کہ اگر میرے لیے اللہ کے پاس بہتری ہو گی تو مجھے اس کا نعم البدل مل جائے گا،اور اگر ایسا نہ ہوا تو وہ مجھ سے آن کی آن میں (یہ کفن) بھی چھین لے گا۔یوں ہی گورکنی کے سلسلہ میں بھی تم نہایت کفایت سے کام لینا، کیوں کہ اگر میرے لیے اللہ کے حضور بہتری ہوئی تو وہ تا حد نظر میری قبر کشادہ فرما دے گا اور اگر ایسا نہ ہوا تو وہ قبرکواس قدر تنگ کرد ے گا کہ باہم دَب کر میری پسلیاں تتربتر ہو جائیں گی۔
حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے تعلق سے آتا ہے کہ آپ نے دم رخصت فرمایا :
ابتاعوا لي ثوبین و لا علیکم فإن یصب صاحبکم خیراً ألبسني خیرا منہا و إلا سلبہا سلباً سریعا۔ (۲۴)
یعنی مجھے صرف دو کپڑوں میں راہیِ ملک بقا کرنا اوربس۔ کیوں کہ اگر حق پر ہوں گا تو اللہ تعالیٰ ان دونوں سے بہتر لباس عنایت فرما دے گا ورنہ وہ ان دونوں کپڑوں کو بھی بہت جلد اتار دے گا۔
حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنی وفات کے وقت یہ بھی فرماتے تھے :
اشتروا لي ثوبین أبیضین فإنہما لا یترکان عليَّ إلا قلیلا حتی أبدل بہما خیرا منہما أو شرا منہما۔
یعنی میری (تکفین) کے لیے دو سفیدکپڑے خریدنا کیوں کہ وہ بہت دیر تک میرے پاس نہیں ٹکیں گے،کیوں کہ یا تو مجھے اس کے عوض اس سے اچھا جوڑا عنایت کیا جائے گا یا پھر اس سے زیادہ برا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی صحابیہ حضرت علیہ بنت ابان بن صیفی غفاری فرماتی ہیں :
أوصانا أبي أن لا تکفنہ في قمیص، قالت: فلما أصبحنا من الغد من یوم دفناہ، إذ نحن بالقمیص الذي کفناہ فیہ علی المشجب۔
یعنی ہمارے والد گرامی نے ہمیں یہ وصیت کی تھی کہ انھیں کسی قمیص میں کفن نہ دیا جائے۔کہتی ہیں کہ(ہمیں یاد نہیں رہا اور ہم نے یوں ہی قمیص کے ساتھ ان کی تکفین کر دی تھی) پھر کل ہو کر جب اُن کی تدفین کا وقت آیا تو ہم نے دیکھا کہ جس قمیص میں ہم نے ان کی تکفین کی تھی وہ کھونٹی سے لٹکی پڑی ہے۔

بات قبر میں مومن کے بسترکی

حضرت مجاہد فرماتے ہیں کہ ارشادِ باری تعالیٰ ’’فَلِأنْفُسِہِمْ یَمْہَدُونَo‘‘ (سورۂ روم:۳۰؍۴۴)‘‘کا مطلب یہ ہے کہ وہ قبر میں اپنے لیے آرام گاہیں اور خواب گاہیں درست کر رہے ہیں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
یقال للمؤمن في قبرہ ارقد رقدۃ العروس۔
یعنی مردِ مومن سے اس کی قبر میں کہا جائے گا کہ اب دلہن کے سونے کی طرح تو بھی اپنی قبر میں (بے خوف)آرام کی نیندسو۔

قبر میں مردوں کی باہمی زیارت و ملاقات

حضرت ابو قتادہ سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إذا ولي أحدکم أخاہ فلیحسن کفنہ، فإنہم یتزاورون في قبورہم۔ (۲۵)
یعنی والیانِ میت کو چاہیے کہ وہ اپنے بھائی کے لیے عمدہ کفن کا انتظام کریں کیوں کہ مردے اپنی قبروں میں باہمی زیارت و ملاقات کرتے رہتے ہیں۔
حضرت بیہقی اس حدیث کی تخریج کے بعد فرماتے ہیں کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قول اس حدیث سے بالکل متصادم نہیں کیوں کہ آپ نے آمیختہ پیپ ولہو (کے خوف )کی وجہ سے ایسافرمایا تھا،کیوں کہ اس کا مطلب ہمیں تو یہی سمجھ میں آ رہا ہے، باقی علم اِلٰہی میں کیا ہے وہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔جیسے شہدا کے بارے میں فرمایا: بَلْ أحْیَاءٌ عِنْدَ رَبِّہِمْ۔ حالاں کہ ہم انھیں لہو آشام اور خون میں لت پت دیکھتے ہیں پھر یوں ہی دفن بھی کر دیے جاتے ہیں۔ تو ہماری سمجھ میں تو یہی ہوتا ہے تاہم درحقیقت ان کا حال ویسا ہی ہے جیساکہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے بیان فرمایا۔ اور اگر یہ چیزیں اللہ کے بتائے کے مطابق ہماری فہم و فراست کے چوکھٹے میں فٹ بھی ہو پاتیں پھر تو ہمارے ایمان بالغیب کی شان ہی کچھ اور ہوتی۔
حضرت جابر سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
حسنوا أکفان موتاکم فإنہم یتباہون و یتزاورون في قبورہم۔ (۲۶)
یعنی اپنے مردوں کو اچھے اور عمدہ کفن میں دفن کیا کرو،کیوں کہ وہ اس پر فخر و مباہات کرتے ہیں اور اپنی قبروں میں باہم ایک دوسرے کی زیارت کرتے ہیں۔
ابن عدی نے ’’کامل ‘‘ میں اسی کے مانند حدیث حضرت ابوہریرہ سے اور خطیب نے ’’تاریخ‘‘ میں حضرت انس سے مرفوعاً روایت کی ہے۔
حضرت ابن سیرین فرماتے ہیں کہ اچھا اور عمدہ کفن ایک محبوب و مرغوب چیز ہے،کیوں کہ کہا جاتا ہے کہ مردے اپنے کفنوں کے ساتھ ایک دوسرے کی زیارت کرتے ہیں۔
حضرت محمد بن سیرین مزید فرماتے ہیں کہ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے کفن تہ دار اور بہترین قسم کے ہوں ،کیوں کہ وہ اپنی اپنی قبروں میں ایک دوسرے کی زیارت کرتے ہیں۔
حضرت راشد بن سعد فرماتے ہیں کہ ایک شخص کی بیوی کا انتقال ہو گیا۔کسی شب اس نے خواب میں بہت ساری عورتوں کو دیکھا مگر ان کے درمیان اس کی اپنی بیوی نظر نہیں آئی۔ اس نے عورتوں سے اس کی وجہ پوچھی تو وہ کہنے لگیں : در اصل تم لوگوں نے اس کو کفن دینے میں نہایت کوتاہی برتی تھی(اور کنجوسی سے کام لیا تھا) بس اسی باعث وہ ہمارے ساتھ نکلنے سے شرماتی ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بارگاہ میں آ کر اس نے اس کی خبر دی۔ تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا:دیکھو کوئی صالح آدمی دنیا سے رخصت ہونے والا ہے؟ چنانچہ وہ انصار کے ایک ایسے شخص کے پاس گیا جس کے چل چلاؤ کا وقت قریب آگیا تھا تواس نے اس سے ساراقصہ کہہ سنایا۔ انصاری نے کہا:اگراس طرح مردوں کو کوئی چیز پہنچ سکتی ہے تو ٹھیک ہے میں بھی پہنچا دوں گا۔ پھر جب اس انصاری کا انتقال ہو گیا تو وہ شخص زعفران میں رنگے ہوئے دو کپڑے لے کر آیا اور انھیں انصاری کے کفن میں رکھ دیا۔اب جب رات ہوئی اور اس نے عورتوں کو دیکھا تو ان کی معیت میں اس کی بیوی بھی تھی اور وہ وہی زرد رنگ کے کپڑے پہنے ہوئی تھی جو اسے بھیجے گئے تھے۔
حضرت قیس بن قبیصہ سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
من لم یؤمن لم یؤذن لہ في الکلام۔ قیل یا رسول اللّٰہ! و ہل یتکلم الموتیٰ؟ قال: نعم و یتزاورون۔
یعنی جن کا خاتمہ مع الایمان نہیں ہوتا انھیں بولنے اور بات چیت کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ عرض کیا گیا یارسول اللہ! کیا مردے بھی بولتے ہیں ؟ فرمایا: ہاں کیوں نہیں بلکہ وہ تو ایک دوسرے سے ملاقات بھی کرتے ہیں۔
حضرت شعبی فرماتے ہیں کہ جب میت قبر میں رکھ دی جاتی ہے تو اس کے پاس اس کے (فوت شدہ ) اہل و عیال آتے ہیں اور اپنے اخلاف کی بابت پوچھتے ہیں کہ فلاں کیساہے،اور فلاں نے کیا کچھ کیا ہے؟۔
حضرت مجاہد فرماتے ہیں کہ قبر میں اولاد کی دعا کی برکت سے میت کو مہلت وآسانی میسر آ جاتی ہے۔
ابن قیم کہتے ہیں کہ روحیں دو طرح کی ہوتی ہیں :انعام یافتہ،اور عذاب یافتہ۔ تو گرفتارِ عذاب روح کا حال یہ ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کی زیارت و ملاقات سے محروم رہتی ہے۔اور ناز و نعم والی روح نہ صرف آزادانہ ایک دوسرے سے ملتی اور زیارت کرتی ہے بلکہ اپنے دُنیا وی تعلقات کے اعتبار سے باہمی ذکر و مذاکرہ بھی کرتی ہے اور اہل دنیا کو یاد بھی کرتی رہتی ہے، لہٰذا ہر روح اپنے اس ساتھی کے ساتھ ہوتی ہے جو اس کے عمل کے مطابق ہو، اورسردارِکائنات محمد عربی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی روح رفیق اعلیٰ (کی معیت )میں ہو گی۔ارشادِ باری تعالیٰ ہے :
وَمَنْ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ الرَّسُولَ فَأولٰئِکَ مَعَ الَّذِیْنَ أنْعَمَ اللّٰہُ عَلَیْہِمْ مِنَ النَّبِیِّیْنَ وَ الصِّدِّیْقِیْنَ وَ الشُّہَدَائِ وَ الصَّالِحِیْنَ وَ حَسُنَ أولٰئِکَ رَفِیقاً o (۲۷)
ترجمہ: اور جو کوئی اللہ اور رسول کی اطاعت کرے تو یہی لوگ اُن (ہستیوں ) کے ساتھ ہوں گے جن پر اللہ نے (خاص) انعام فرمایا ہے جو کہ انبیاء، صدیقین ، شہداء اور صالحین ہیں ، اور یہ بہت اچھے ساتھی ہیں۔
اور اس معیت کا دنیا،عالم برزخ اور آخرت میں بہر جا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ اور ان تینوں اَدوار میں انسان اپنے محبوب کے ساتھ ہو گا۔
حضرت سلفی فرماتے ہیں کہ قبر کے اندر جملہ مردوں کی روح کا اُن کے جسد خاکی میں لوٹ کر چلی جانا صحیح روایتوں سے ثابت ہے۔ اختلاف صرف اس بات میں ہے کہ وہ بدن کے اندر کب تک رہتی ہیں۔ مطلب یہ کہ بدن روح کے ساتھ ایسے ہی زندہ و تازہ ہوتا ہے جیسے دنیا میں ہوا کرتا تھا یا بغیر روح کے ہوتا ہے، اور روح اللہ کے چاہے کے مطابق کہیں اور ہوتی ہے، کیوں کہ زندگی کا روح کے ساتھ پایا جانا کوئی عقلی بات نہیں بلکہ یہ توا یک اَمر عادی ہے۔
عقل تو یہ کہتی ہے کہ بدن روح کے ساتھ دنیا کی طرح زندہ ہو۔ تو امر واقعہ ایسا ہی ہے۔اور اہل علم کا ایک طبقہ اس کا قائل ہے، اور دلیل میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے اپنی قبر میں نماز پڑھنے کو پیش کرتا ہے۔
اسی طرح شب معراج اَنبیائے کرام کی جو صفتیں بیان ہوئیں ان کا تعلق محض صفات سے ہے اجساد سے نہیں ،اور پھر اس کے لیے حقیقی زندگی بھی درکار نہیں کہ روح جہاں بھی ہو بدن کے ساتھ ہی ہو۔ وہ جو دنیا میں کھانے پینے وغیرہ کی جو ضرورتیں پیش آتی ہیں وہ تو محض اجسام کی صفات کے اعتبار سے ہیں۔ لیکن اب یہاں اُس کے احکام جداگانہ ہیں۔
جہاں تک رہی بات میت کے سننے اور جاننے کی تواس میں کسی شک کی گنجائش نہیں ،یہ تو (قرآن و حدیث سے)جملہ مردوں کے لیے ثابت ہے۔امام سبکی کا موقف یہی ہے۔
حضرت یافعی فرماتے ہیں کہ اس تعلق سے اہل سنت کا موقف یہ ہے کہ بسا اوقات اِرادۂ قدرت کے مطابق مردوں کی روحیں اُن کے جسموں میں اُن کی قبروں کے اندر علیین یا سجّین سے پلٹا دی جاتی ہیں ،خصوصاً شب جمعہ میں۔ پھر وہ مجلس بنا کر بیٹھتے اورآپس میں بات چیت کرتے ہیں۔ اہل بہشت تو نعمت ہائے گوناگوں سے متمتع ہوتے ہیں اور اہل دوزخ عذاب سے دوچار کیے جاتے ہیں۔ تو روحیں ہوتی تو علیین یا سجین میں ہیں مگر مردوں سے ان کا ایساگہراربط اور تعلق ہوتا ہے کہ گویا وہ ہمہ وقت قبر میں جسم و بدن کے ساتھ ہی ہیں۔

میت اپنے زائر کو پہچانتی اور اُنس پاتی ہے

حضرت عائشہ سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
ما من رجل یزور أخاہ و یجلس عندہ إلا استأنس بہ و رد علیہ حتی یقوم۔
یعنی اگر کوئی شخص اپنے (دینی)بھائی (کے قبر)کی زیارت کو جائے اور وہاں جا کر کچھ دیر کے لیے بیٹھے تو میت اس سے بہت مانوس ہوتی ہے، اور اس وقت تک اس کی طرف متوجہ رہتی ہے جب تک کہ وہ اُٹھ کر وہاں سے چلا نہ جائے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
إذا مر رجل بقبر یعرفہ فسلم علیہ رد علیہ السلام۔
یعنی اگر کوئی شخص کسی شناسا کی قبرسے گزرتے ہوئے اس کو سلام کرے تو وہ میت اس کے سلام کا جواب دیتی ہے۔
ابن عبدالبر نے ’’استذکار‘‘اور ’’تمہید‘‘ میں زرارہ بن اوفی سے روایت کیا ہے :
من کان یعرفہ و یحبہ في الدنیا۔
یعنی جسے وہ دنیا میں پہچانتا اور محبت رکھتا تھا اسے قبر میں بھی جانتا پہچانتا ہے۔
حضرت محمد بن واسع فرماتے ہیں :
بلغني أن الموتی یعلمون بزوارہم یوم الجمعۃ و یوماً قبلہ ویوما بعدہ۔
یعنی (معتبر ذرائع سے)مجھے یہ خبر ملی ہے کہ میت اپنے زائر کو روزِ جمعہ، جمعرات، اور ہفتہ کو(بطورِ خاص)جانتی پہچانتی ہے۔
حضرت ضحاک فرماتے ہیں :
من زار قبرا یوم السبت قبل طلوع الشمس علم المیت، قیل لہ: و کیف ذلک؟ قال: لمکان یوم الجمعۃ۔
یعنی اگر کسی نے ہفتہ کے دن طلوعِ آفتاب سے پہلے کسی قبر کی زیارت کی تو میت اس کو جان لیتی ہے۔ان سے پوچھا گیاکہ ایساکیوں ہوتا ہے؟تو فرمایا: روزِ جمعہ کے شرف و منزلت کی وجہ سے۔
حضرت ابن عباس سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
ما من أحد یمر بقبر أخیہ المؤمن کان یعرفہ في الدنیا فیسلم علیہ إلا عرفہ و رد علیہ السلام۔
یعنی اگر کوئی اپنے برادرِ دینی کی قبرسے گزرے اور دنیا میں ایک دوسرے سے شناسائی بھی رہی ہو ،توجیسے ہی وہ اسے سلام کرتا ہے ،میت نہ صرف یہ کہ اسے پہچان لیتی ہے بلکہ اس کے سلام کا جواب بھی مرحمت کرتی ہے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مرفوعاً آیا ہے :
ما من عبد یمر علی رجل یعرفہ في الدنیا، فیسلم علیہ إلا عرفہ و رد علیہ السلام۔
یعنی اگر کوئی شخص کسی ایسے انسان (کے مزار )سے گز رے جس سے دنیا میں شناسائی تھی ،تو جب وہ اسے سلام کرتا ہے ،تو میت پہچان کراس کے سلام کا اسے جواب دیتی ہے۔
’’اربعین طائیہ‘‘ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ایک حدیث یوں آئی ہے :
آنس ما یکون المیت في قبرہ إذا زارہ من کان یحبہ في دار الدنیا۔
یعنی میت اپنی قبر میں اس وقت اُنس و فرحت محسوس کرتی ہے جب اس کا کوئی اپنا زیارت کو آئے جو دنیا میں اُسے چاہا کرتا تھا۔
ابن قیم کہتے ہیں کہ آثارو احادیث سے یہ بات پایہ ثبوت کو پہنچ چکی ہے کہ جب کوئی قبر کی زیارت کو جاتا ہے تو میت نہ صرف یہ کہ اس کو جان لیتی ہے بلکہ اس کے سلام کوسنتی ، اس سے اُنس حاصل کرتی اوراس کے سلام کا جواب بھی دیتی ہے۔اور اس میں شہیدوں ہی کی کوئی تخصیص نہیں بلکہ یہ حکم ہر ایک میت کے لیے عام ہے، اور اس میں کسی وقت اور دن کی بھی کوئی قید نہیں۔
اور حضرت ضحاک نے وقت اور دِن کی جو قید لگائی تھی اس سے صحیح تر یہ ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنی اُمت کو اَہل قبر پر سلام کرنے کاجو طریقہ و انداز بتایا ہے اس سے خود باور ہوتا ہے کہ مردے سنتے بھی ہیں اور سمجھتے بھی ہیں۔

روحوں کے کاشانے

حضرت ابن مسعود سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
أرواح الشہداء في حواصل طیر خضر تسرح في الجنۃ حیث شاء ت ثم تأوي إلی قنادیل تحت العرش۔ (۲۸)
یعنی شہیدوں کی روحیں سبزپرندوں کے قالب میں بہشت کے اندر جہاں چاہیں اُڑتی پھرتی ہیں ،پھر عرش کے نیچے آویزاں قندیلوں میں آ کر پناہ گزیں ہو جاتی ہیں۔
حضرت ابن عباس سے مروی کہ حضور رحمت عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
لما أصیب أصحابکم بأحد جعل اللّٰہ أرواحہم في حواصل طیر خضر ترد أنہار الجنۃ، و تأکل من ثمارہا، و تأوي إلی قنادیل من ذہب معلقۃ في ظل العرش۔ (۲۹)
یعنی تمہارے جو دوست جنگ اُحد میں شہید کیے گئے تو اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے ان کی روحوں کو سبزپرندوں کے قالب میں کر دیا،اب وہ جنت کی نہروں کی سیر کرتے،اس کے پھل میوے کھاتے اور عرش تلے آویزاں قنادیل زریں پر آشیاں نشیں ہوتے ہیں۔
حضرت ابن عباس روایت کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
الشہداء علی بارق نہر الجنۃ في قبۃ خضراء یخرج إلیہم رزقہم من الجنۃ بکرۃ و عشیۃ۔
یعنی ارواحِ شہداء سبزقبوں میں بابِ جنت سے اس کی نہروں میں جاتی ہیں اور صبح و شام جنت سے اپنا (روحانی)رزق حاصل کرتی ہیں۔
حضرت ابی بن کعب فرماتے ہیں :
الشہداء في قباب في ریاض الجنۃ یبعث إلیہم ثور و حوت فیعترکان بہما، فإذا احتاجوا إلی شیء عقر أحدہما صاحبہ فیأکلون فیجدون فیہ طعم کل شیء في الجنۃ۔
یعنی شہداء باغاتِ جنت کے قبوں میں ( رہائش پذیر) ہوتے ہیں۔ ثور اور حوت ان کی طرف دوڑتے ہیں ،جن کے ساتھ وہ مستی و دل لگی کرتے ہیں ، پھر جب انھیں کسی چیز کی خواہش ہوتی ہے،ان میں سے ایک اپنے دوست کو ذبح کر دیتا ہے،اب جب وہ اسے کھاتے ہیں تو اس میں جنت میں موجود جملہ چیزوں کا کیف و مزا ملتا ہے۔
حضرت انس فرماتے ہیں کہ حضرت حارثہ کی شہادت پر ان کی ماں نے پوچھا: یارسول اللہ! حارثہ کا ٹھکانہ کہاں ہے؟ اگر وہ جنت میں ہو تومیں خود کو تلقین صبر کر دیتی ہوں اور اگر وہ وہاں نہیں کہیں اور ہے تو پھر دیکھیں (میں رو رو کر اپنا حال کیا)بنا لیتی ہوں ؟رحمت عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إنہا جنات کثیرۃ و إنہ في الفردوس الأعلیٰ۔ (۳۰)
یعنی تمہیں پتا ہے کہ جنتیں تو بہت ہیں مگر وہ (سب سے افضل جنت) فردوسِ اعلیٰ میں ہے۔
حضرت کعب بن مالک سے مروی کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إنما نسمۃ المؤمن طائر یتعلق في شجر الجنۃ حتی یرجعہ اللّٰہ تعالیٰ إلی جسدہ یوم یبعثہ۔
یعنی مومن کی روح ایک پرندہ کی شکل میں شاخِ جنت سے لٹکی ہوتی ہے پھر جب بعث بعد الموت کا وقت آئے گا تو اللہ تعالیٰ اس روح کو اس کے بدن میں لوٹا دے گا۔
حضرت اُم ہانی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے پس مرگ ایک دوسرے کی زیارت اور ایک دوسرے کے ساتھ بھلائی کرنے کے تعلق سے اِستفسار کیا تو آپ نے فرمایا :
یکون بأنعم طیر یتعلق بالشجر، حتی إذا کان یوم القیامۃ دخلت کل نفس في جسدہا۔
یعنی (روح) بہترین قسم کے پرندے کی شکل میں درخت سے لٹکی ہوئی ہوتی ہے،پھر جب قیامت کا دن آئے گا تو ہر روح اپنے اپنے جسدخاکی میں ڈال دی جائے گی۔
حضرت ام بشر بن براء نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے دریافت کیا کہ مردے آپس میں کس طرح ملتے اور شناخت کرتے ہیں ؟ فرمایا :
تربت یداک النفس الطیبۃ طیر خضر في الجنۃ فإن کان الطیر یتعارفون في رؤوس الشجر فإنہم یتعارفون۔
یعنی اللہ تجھے خوش رکھے!۔ پاکیزہ روحیں جنت میں سبزپرندوں کی شکل میں ہوتی ہیں۔ توجس طرح درخت کے سرے اور ٹہنیوں پر بیٹھے پرندے آپس میں متعارف ہو جاتے ہیں تو اسی طرح یہ روحیں بھی آپس میں شناخت قائم کر لیتی ہیں۔
حضرت عبد الرحمن بن کعب بن مالک فرماتے ہیں کہ جب حضرت کعب کی وفات کا وقت آیاتو ام بشر بن براء نے ان کے پاس آ کر عرض کیا: اے ابو عبد الرحمن! اگر تمہاری فلاں سے ملاقات ہو تواسے میری طرف سے سلام کہہ دینا۔انھوں نے فرمایا:اے ام بشر! اللہ آپ کی مغفرت فرمائے۔ہمیں اس کی کیا خبرہو گی! عرض کیا: کیا آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یہ فرمانِ اقدس نہیں سنا :
إن نسمۃ المؤمن تسرح في الجنۃ حیث شاء ت و نسمۃ الکافر في سجین مسجونۃ۔
یعنی بندۂ مومن کی روح جنت میں من چاہی جگہوں کی سیر کرتی ہے اور کافر کی روح سجین میں قید ہوتی ہے۔
فرمایا: ہاں۔ عرض کیا:تومیں وہی تو کہہ رہی ہوں۔
مرو بن حبیب کے مراسیل میں یہ موجود ہے :
سألت النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم عن أرواح المؤمنین، فقال : في حواصل طیر خضر تسرح في الجنۃ حیث شاء ت قالوا یا رسول اللّٰہ و أرواح الکفار؟ قال: محبوسۃ في سجین۔
یعنی میں نے نبی محترم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے ارواحِ مومناں کی بابت دریافت کیا تو آپ نے فرمایا: وہ سبزپرندوں کے قالب میں جنت میں جہاں چاہیں سیر کرتی پھرتی ہیں۔ پوچھا: یارسول اللہ اور کافروں کی روحیں (کہاں ہوتی ہیں )؟ فرمایا: وہ سجّین کے اندر مقید ہوتی ہیں۔
حضرت سعید بن مسیب فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضراتِ سلمان فارسی اور عبد اللہ بن سلام آپس میں ملے تو ایک نے دوسرے سے کہا: اگر تم مجھ سے پہلے اپنے رب سے جاملو تو ملاقات کی کیفیت سے مجھے آگاہ کرنا؟کہا:کیا زندے بھی مردے سے ملتے ہیں ؟ فرمایا : ہاں۔ مومنوں کی روحیں جہاں کی چاہیں (بلا روک ٹوک )سیر کرتی رہتی ہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمرو فرماتے ہیں :
أرواح المؤمنین کالزرازیر تأکل من ثمر الجنۃ۔
یعنی مومنوں کی روحیں گوریوں کی طرح جنت کے پھلوں سے محظوظ ہوتی رہتی ہیں۔
ابن مندہ نے بھی اسے مرفوعاً روایت کیا ہے۔
حضرت کعب فرماتے ہیں :
جنۃ المأوی فیہا طیر خضر ترتقي فیہا أرواح المؤمنین الشہداء تسرح في الجنۃ، و أرواح آل فرعون في أجواف طیر سود و علی النار تغدو و تروح و إن أطفال المؤمنین في عصافیر في الجنۃ۔
یعنی جنت الماویٰ کے اندر سبزپرندے ہوں گے،جس کی فضاؤں میں مومن شہیدوں کی روحیں سیرو تفریح کرتی پھریں گی۔اور آل فرعون (کافروں )کی روحیں سیاہ پرندوں کی شکل میں صبح و شام جہنم پر پیش کی جائیں گی۔اور مومنوں کے بچے چڑیوں کی شکل میں جنت کے اندر موجود ہوں گے۔
حضرت ہذیل فرماتے ہیں کہ آل فرعون کی روحیں سیاہ پرندوں کی شکل میں آتش جہنم کے اوپر اُڑتی پھریں گی،جب کہ شہیدوں کی روحیں سبزپرندوں کے قالب میں اورمسلمانوں کے نابالغ بچے چڑیوں کی شکل میں جنت میں چہچہاتے چگتے اور سیرکرتے رہیں گے۔
حضرت ابن عمرو فرماتے ہیں :
أرواح المؤمنین في صور طیر بیض في ظل العرش و أرواح الکافرین في الأرض السابعۃ۔
یعنی بندگانِ مومن کی روحیں سفیدپرندوں کی صورت میں سایۂ عرش تلے ہوتی ہیں۔ جب کہ کافروں کی روحیں زمین کے ساتویں طبقہ(سجین) میں ہوتی ہیں۔
حضرت ابوسعیدخدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ شب معراج مجھے بنی آدم کے مقام عروج پر پہنچایا گیا اور کسی مخلوق نے اس معراج کو اس سے حسین نہیں دیکھا جیسے مردہ اپنی آنکھ کے پھٹتے وقت آسمان کی طرف نظر اُٹھا کر دیکھتا ہے اور اسے عجیب و غریب منظر نظر آتا ہے۔ پھر میں اور جبرئیل دونوں اوپر چڑھے اور دروازۂ آسمان کھلوایا گیا تو وہاں حضرت آدم ملے جو اپنی مومن ذریت کی روحوں کا مشاہدہ کر کے فرما رہے تھے کہ یہ پاکیزہ روحیں ہیں انھیں علیین میں جگہ دو۔یوں ہی اپنی کافر ذریت کی روحوں کو دیکھ کر فرمایا:یہ گندی و خبیث روحیں ہیں انھیں سجین میں (مقید)کر دو۔
حضرت ابوہریرہ سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
إن أرواح المؤمنین في السماء السابعۃ ینظرون إلی منازلہم في الجنۃ۔
یعنی اہل ایمان کی روحیں ساتویں آسمان پر جنت میں اپنے ٹھکانے پر نگاہیں جمائے ہوئے ہوتی ہیں۔
حضرت وہب بن منبہ فرماتے ہیں کہ ساتویں آسمان پر اللہ تعالیٰ نے بیضا نامی ایک گھر بنا رکھا ہے، جہاں مومنوں کی روحیں باہم اِکٹھا ہوتی ہیں۔ تو جب بزم دنیا سے اُٹھ کر کوئی وہاں جاتا ہے تو روحیں اس سے اسی طرح ملتی اور دنیا کی بابت پوچھ گچھ کرتی ہیں جس طرح کوئی مسافر اپنے گھر پہنچ کر اہل خانہ کے احوال معلوم کرتا ہے۔
حضرت ابن عمر فرماتے ہیں کہ میں حضرت اسماکے پاس عبد اللہ بن زبیر کی تعزیت کے لیے گیا حالاں کہ ان کا جثہ تا ہنوز سولی پر چڑھا ہوا تھا۔میں نے ان کو تسلی دیتے ہوئے کہا:آپ بالکل آزردہ و غمگین نہ ہوں کیوں کہ روحیں توآسمان میں اللہ کے حضور چلی جاتی ہیں ،یہ محض اُن کا جثہ لٹک رہا ہے۔
حضرت عبداللہ بن زبیر حضرت عباس بن عبد المطلب سے روایت کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
ترفع أرواح المؤمنین إلی جبریل فیقال: أنت ولي ہٰذہ إلی یوم القیامۃ۔
یعنی مومنوں کی روحیں پسِ پرواز حضرت جبرئیل کے پاس لائی جاتی ہیں اور کہا جاتا ہے کہ آپ ہی قیام قیامت تک اِن کے والی و نگہبان ہیں۔
حضرت مغیرہ بن عبد الرحمن فرماتے ہیں کہ حضرت سلمان فارسی نے حضرت عبد اللہ بن سلام سے شرفِ ملاقات حاصل کرنے کے بعد فرمایا :
إن مت قبلي فأخبرني بما تلقی، و إن مت قبلک أخبرتک، قال: و کیف و قد مت؟ فقال: إن الروح إذا خرج من الجسد کان بین السماء و الأرض حتی یرجع إلی جسدہ۔
یعنی اگر تمہاری قضا مجھ سے پہلے آ جائے تو اپنے (برزخی) احوال پر مجھے مطلع کرنا۔اور اگر تم سے پہلے میں ہی رخصت ہو گیا تو میں تمہیں ان کیفیات سے آگاہ کروں گا۔پوچھا: پس مرگ یہ کیسے ممکن ہو گا؟ فرمایا: روح جسم سے نکل کر آسمان و زمین کے درمیان (سیرکررہی )ہوتی ہے، حتیٰ کہ اپنے جسد خاکی میں لوٹ نہ جائے۔
اِرشادِ باری تعالیٰ :
اللّٰہُ یَتَوَفَّی الأنْفُسَ حِینَ مَوتِہَا وَ الَّتِي لَمْ تَمُتْ فِي مَنَامِہَا فَیُمْسِکَ الَّتِي قَضیٰ عَلَیہَا المَوتُ وَ یُرْسِلَ الأخْریٰ إلیٰ أجَلٍ مُسَمّٰی o ( ( ۳۱)
[اللہ جانوں کو ان کی موت کے وقت قبض کر لیتا ہے اور اُن (جانوں ) کو جنھیں موت نہیں آئی ہے، ان کی نیند کی حالت میں ،پھر ان کو روک لیتا ہے جن پر موت کا حکم صادر ہو چکا ہو اور دوسری (جانوں )کو مقررہ وقت تک چھوڑ ے رکھتا ہے۔]
کی تفسیر کرتے ہوئے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں : اس کی وجہ یہ ہے کہ روحیں زمین و آسمان کے درمیان مشرق و مغرب میں پھیلی ہوئی ہیں ،جہاں مردوں کے ساتھ زندوں کی روحیں بھی ہوتی ہیں ، اس طرح مردہ جانوں کا زندہ جانوں کے ساتھ تعلق برقرار رہتا ہے۔اب جب روح کو حکم ہوتا ہے کہ اِس زندہ جان میں پلٹ جاتا کہ وہ اپنا رزقِ حیات پورا کرسکے تو مردہ جان تو وہیں روک لی جاتی ہے اور دوسری (اِدھر) بھیج دی جاتی ہے۔
مسندفردوس میں ہے تاہم حدیث ابو درداء سے ان کے بیٹے کی سند اُن تک ثابت نہیں :
المیت إذا مات دیر بہ حول دارہ شہراً و حول قبرہ سنۃ، ثم یرفع إلی السبب الذي تلتقي فیہ أرواح الأحیاء و الأموات۔
یعنی پس انتقال میت کی روح مہینہ بھر اس کے گھر اور سال بھر اس کی قبر کے اردگرد منڈلاتی رہتی ہے۔ پھر اسے اس جگہ اُٹھا لیا جاتا ہے جہاں مردوں اور زندوں کی روحیں باہم ملاقات کرتی ہیں۔
حضرت سعید بن مسیب حضرت سلمان فارسی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
أرواح المؤمنین في برزخ من الأرض تذہب حیث شاء ت، و أنفس الکافرین في سجین۔
یعنی بندگانِ مومن کی روحیں برزخِ زمین میں جہاں چاہیں پھرتی رہتی ہیں جب کہ کافر کی روحیں سجین میں (مقید) ہوتی ہیں۔
ابن قیم کہتے ہیں کہ ’برزخ‘ چوں کہ دو چیزوں کے درمیانی آڑ کو کہتے ہیں ، تو بہت حد تک ممکن ہے کہ یہاں برزخ سے مراد دنیا و آخرت کے درمیان کی زمین ہو۔
حضرت مالک بن انس فرماتے ہیں :
بلغني أن أرواح المؤمنین مرسلۃ تذہب حیث شاء ت۔
یعنی (معتبر ذرائع سے)مجھے خبر پہنچی ہے کہ مومنوں کی روحیں بالکل آزاد ہوتی ہیں اور جہاں چاہیں (بے روک ٹوک)آتی جاتی ہیں۔
حضرت عبداللہ بن عمرو فرماتے ہیں :
أرواح الکفار تجمع ببرہوت-سبخۃ بحضرموت- و أرواح المؤمنین تجمع بالجابیۃ۔
یعنی کافروں کی روحیں زمین برہوت میں اِکٹھا ہوتی ہیں جو کہ حضر موت کا ایک شور زدہ ٹکڑا ہے۔ اور مومنوں کی روحیں ملک جابیہ (کی خوشگوار فضاؤں والی زرخیز زمین) میں ہوتی ہیں۔
حضرت عروہ بن رویم فرماتے ہیں :
الجابیۃ تجیء إلیہا کل روح طیبۃ۔
یعنی جملہ طیب و پاکیزہ روحیں جابیہ میں لائی جاتی ہیں۔
حضرت علی بن ابوطالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں :
أرواح المؤمنین في بئر زمزم، و أرواح الکافرین في واد یقال لہ برہوت۔ (۳۲)
یعنی ارواحِ مومناں چاہِ زم زم تلے ہوتی ہیں۔ جب کہ ارواحِ کافراں وادیِ برہوت میں۔
حضرت عبد اللہ بن عمرو فرماتے ہیں :
أرواح المُؤمنین تجمع بأریحا و أرواح المشرکین تجمع بظافر من حضرموت۔
یعنی مومنوں کی روحیں شہر اَریحا میں جمع کی جاتی ہیں۔ اور مشرکوں کی روحیں حضر موت کی ایک وادی ظافر میں۔
حضرت وہب بن منبہ فرماتے ہیں :
إن أرواح المؤمنین إذا قبضت ترفع إلی ملک یقال لہ رمیائیل وہو خازن أرواح المؤمنین۔
یعنی جب مومنوں کی روحیں قبض کی جاتی ہیں تو انھیں رمیائیل نامی ایک فرشتہ کے پاس لے جایا جاتا ہے،چونکہ ارواحِ مومناں کا خازن یہی فرشتہ ہے۔
حضرت اَبان بن ثعلب کسی اہل کتاب کے حوالے سے فرماتے ہیں :
الملک الذي علی أرواح الکفار یقالہ لہ دوحۃ۔
یعنی کافروں کی روحوں کے خزانچی فرشتے کا نام دوحہ ہے۔
حضرت کعب فرماتے ہیں :
الخضر علی منبر من نور بین البحر الأعلیٰ و البحر الأسفل و قد أمرت دواب الأرض أن تسمع لہ و تطیع، و تعرض علیہ الأرواح بکرۃ و عشیۃ۔
یعنی حضرت خضر بحر اعلیٰ اور بحر اسفل کے درمیان ایک منبر نور پر جلوہ افروز ہوتے ہیں ، جملہ زمینی چوپائے ان کی اطاعت و خدمت گزاری پر مامور ہیں۔ اور صبح و شام روحیں ان پر پیش کی جاتی ہیں۔
یہ ان تمام احادیث و آثار کا مجموعہ مرکب ہے جو ہمیں روحوں کے ٹھکانوں کے تعلق سے دستیاب ہوسکیں۔ ہاں آثار کے قوت و ضعف کے اعتبارسے اہل علم کے اس سلسلہ میں مختلف اقوال و آرا ہیں۔
ابن قیم کہتے ہیں : اس سلسلہ میں تحقیقی بات یہ ہے کہ اس میں کسی کا کوئی اختلاف نہیں۔ اور عالم برزخ کے اندر روحوں کے درجات میں اپنے ٹھکانوں کے اعتبار سے بہت بڑا فرق ہوتا ہے،تاہم اس سلسلہ میں فراہم کردہ دلیلیں بے غبار ہیں ، کیوں کہ ان میں سے ہر ایک لوگوں کی اُن کے درجات کے اعتبارسے نشان دہی کرتی ہے۔
کہتے ہیں کہ بہرحال روح کا بدن سے بہت ہی گہرا ربط و اتصال ہوتا ہے۔تبھی تو اسے مخاطب و سلام کرنا اور اس پر اس کا ٹھکانہ وغیرہ پیش کیاجانادرست ہو گا،جیسا کہ حدیثوں میں وارِد ہوا ہے،کیوں کہ روح کا معاملہ بالکل جداگانہ ہوتا ہے ، وہ (ایک طرف تو) رفیق اعلیٰ کے حضور میں ہوتی ہے اور (دوسری طرف) بدن سے بھی اپنا تعلق اُستوار رکھتی ہے کہ جب اس کا کوئی دوست آشنا سلام کرتا ہے تو وہ اس کا جواب دیتی ہے۔تو یہ روح کا مقام ہوتا ہے۔
اس مقام پر بعض لوگوں نے غائب کو شاہد پر قیاس کر کے دھوکہ کھایا ہے، لہٰذا یہ عقیدہ رکھنا کہ جب روح بدن سے جدا ہو کر کہیں اور چلی جائے تواب پھر اس روح کا کسی جگہ لوٹ کر آنا ممکن نہیں تو یہ غلط محض ہے۔(کیا آپ نے نہیں سناپڑھاکہ) نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ و آلہ وسلم نے شب معراج موسیٰ علیہ السلام کو اپنی قبر میں نماز پڑھتے دیکھا،پھر چھٹے آسمان پربھی ان کی زیارت ہوئی۔تو یہاں پر روح بدن کے ساتھ تھی کیوں کہ روح کا بدن کے ساتھ گہرا اِتصال ہوتا ہے جبھی تو وہ اپنی قبر میں نماز پڑھ رہے تھے اورسلام کا جواب دے رہے تھے۔تو گویا روح کا تعلق ان کے ساتھ بھی ہوتا ہے اور وہ رفیق اعلیٰ کے حضور میں بھی ہوتی ہے، اور اس میں کوئی مغائرت بھی نہیں ،کیوں کہ روح کا معاملہ بدن کے معاملہ سے یکسر مختلف ہے۔بعض لوگوں نے روح کی مثال سورج سے بھی پیش کی ہے کہ وہ ہوتا تو آسمان میں ہے مگر اس کی کرنیں زمین پر پڑتی رہتی ہیں۔ نیزارشادِرسالت مآب ہے :
من صلی عليَّ عند قبري سمعتہ، و من صلی علي نائیا بلغتہ۔ (۳۳)
یعنی جو شخص میری قبر پر آ کر درود پڑھے تومیں اس کا درود خود اپنے کانوں سے سنتاہوں اور جو دور سے درود بھیجے تو وہ مجھے پہنچایا جاتا ہے۔
قطع نظر اس کے کہ آپ کی روح اَرواحِ انبیا کی معیت میں مقام علیین بلکہ رفیق اعلیٰ کے حضور میں ہوتی ہے۔
اب روحیں (سجین میں ہوں ) یا زمین وآسمان کے درمیانی آڑ میں یا پھر سجین میں ۔ جہاں بھی ہوں بہرحال ان کا جسموں سے خاص اتصال و لگاؤ ہوتا ہے جس کے باعث انھیں اِدراک،سننے پڑھنے اور نماز ادا کرنے پر قدرت حاصل ہوتی ہے۔ اور یہ ایک عجیب چیز ہے کیوں کہ شاہد دنیوی سے اس کی کوئی مشابہت نہیں۔ یوں ہی آخرت کے معاملات اور عالم برزخ بھی دنیا کے حالات سے بالکل جدا ہوتا ہے۔
لہٰذا خلاصہ بحث یہ ہوا کہ بھلی بری روح ،ہرکسی کا صرف ایک ہی ٹھکانہ نہیں بلکہ (مراتب و درجات کے اِعتبار) سے ان کے ٹھکانے مختلف ہوں گے۔ تاہم ہر کسی کا اپنے ٹھکانے سے قبر کے اندر اپنے جسموں کے ساتھ ربط و اِتصال باہمی ہو گا جس سے نوشتہ تقدیر کے مطابق انھیں نعمت و راحت یا عذاب وسزامل سکے۔
حافظ ابن حجر فرماتے ہیں کہ مومنوں کی روحیں مقام علیین میں ہوں گی۔اور کافروں کی سجین میں۔ اور ان میں سے ہر کسی کی روح کا اپنے بدن کے ساتھ ایک خاص قسم کا اتصال ہوتا ہے مگراس اتصال کی تشبیہ دنیوی زندگی سے نہیں دی جا سکتی۔ ہاں سونے کی حالت سے اس کو یک گونہ مشابہت ہے،تاہم اُس اتصال کی کیفیت سونے سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہوتی ہے۔
فرمایا: لہٰذا وہ جو روحوں کا ٹھکانہ علیین یاسجین یا کنواں بتایا گیا تھا اس طرح اس کی تطبیق ہوسکتی ہے۔اور ابن عبدالبر نے جمہور سے ایک قول یہ بھی نقل کیا ہے کہ وہ اپنی قبروں کی فضاؤ ں میں گردش کرتی رہتی ہیں۔
فرمایا: ایساہوسکتا ہے کہ اس کو ایسا کرنے کی اجازتِ (خاص)ملی ہو ،تاہم وہ رہتی اپنے ٹھکانہ علیین یا سجین ہی میں ہو۔
فرمایا: اور جب میت کو ایک قبر سے دوسری قبر میں منتقل کر دیا جاتا ہے تو تب بھی وہ ربط و اتصالِ مذکور بدستوربرقرار رہتا ہے۔یوں جب اُس کے اعضا پھٹ جائیں یا ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیں تب بھی۔
صاحب الافصاح فرماتے ہیں کہ روح کے لیے حصولِ نعمت و راحت کی مختلف شکلیں ہوتی ہیں۔
ان میں ایک یہ کہ وہ پرندے کی صورت جنت کے مختلف درختوں پر (سیرو تفریح کرتی پھرتی)ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ سبزچڑیے کے قالب میں ہوتی ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ گوریے کی صورت چڑیے کے قالب میں ہوتی ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ جنت کے درختوں پر ہوتی ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ اعمال کے نتیجے میں پیدا شدہ (کسی خاص )صورت میں ہوتی ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ یوں ہی سیرکرتی پھرتی اور اپنے جثہ کی دیکھ ریکھ کے لیے آ جاتی ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ نئی قبض شدہ روحوں سے ملتی ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ حضرت میکائیل کی کفالت میں ہوتی ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ حضرت آدم کی کفالت میں ہوتی ہے۔
ان میں ایک یہ کہ وہ حضرت ابراہیم کی کفالت میں ہوتی ہے۔
حضرت قرطبی فرماتے ہیں :یہ ایک بڑی بہترین اور جامع تطبیق ہے جس نے سب کچھ اپنے اندرسمولیا ہے،اور اس کا دفاع ورد بھی نہیں ہوسکتا۔
امام بیہقی نے اپنی کتاب ’’عذاب القبر‘‘ میں ارواح شہداء کے بارے میں حدیث ابن مسعوداورحدیث ابن عباس ذکر کرنے کے بعد کچھ ایساہی لکھا ہے۔ پھر اس کے بعد حضرت براء سے مروی بخاری کی وہ حدیث نقل کی ہے کہ جب رسول گرامی وقار صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے لخت جگر حضرت ابراہیم (کم عمری میں ) دنیا سے رخصت ہو گئے تو آپ نے فرمایا :
إن لہ مرضعاً في الجنۃ۔ (۳۴)
یعنی جنت میں اس کے لیے ایک (خصوصی)دودھ پلانے والی ہے (جو اس کی بقیہ مدت رضاعت پوری کر دے گی)۔
پھر کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اپنے نورِ نظر ابراہیم کے تعلق سے فرمایا کرتے تھے کہ اسے جنت میں دودھ پلایا جا رہا ہے۔حالاں کہ وہ مدینہ کی مشہور و معروف قبرستان جنۃ البقیع میں مدفون تھے۔
حضرت امام نسفی’’بحر الکلام‘‘ میں فرماتے ہیں کہ روحیں چار طرح کی ہوسکتی ہیں :
انبیائے کرام کی روحیں : ان کے جسدطاہر سے نکلنے کے بعد مشک و کافور کی شکل دَھار لیتی ہیں۔ جنت میں کھاتی پیتی اور عیش کرتی ہیں ،پھر رات گئے قنادیل عرش میں پناہ گزیں ہو جاتی ہیں۔
پیکرانِ طاعت شہدا کی روحیں : ان کے جسموں سے نکل کر سبزپرندہ کی صورت جنت کی فضاؤں میں (سیرکناں ) ہوتی ہیں ،اور وہ بھی وہاں کھاتی پیتی اور موج کرتی ہیں اور رات ہوتی ہے تو عرش تلے لٹکے ہوئے قنادیل میں آشیاں نشیں ہو جاتی ہیں۔
فرماں برداروں کی روحیں : دیوارِ جنت پر ہوتی ہیں۔ انھیں کھانے پینے کی اجازتِ عام تو نہیں ہوتی تاہم جنت میں گھومتی پھرتی ہیں۔
گنہ گار مومنوں کی روحیں : زمین وآسمان کے درمیان ہوا میں ہوتی ہیں۔
اور کافروں کی روحیں سیاہ پرندے کے قالب میں زمین کے سات طبق نیچے مقام سجین میں ہوتی ہیں ،لیکن ان کے جسموں سے ان کا تعلق بدستور قائم ہوتا ہے تاکہ وہ عذاب کا مزہ چکھ سکیں۔ جیسے سورج کہ ہوتا تو آسمان پر ہے مگر اس کی روشنی زمین پر پڑتی ہے۔

قصہ اہل ایمان کے نونہالوں کی رضاعت و حضانت کا

حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں :
کل مولود یولد في الإسلام فہو في الجنۃ شبعان ریان، یقول یا رب أورد عليَّ أبويَّ۔
یعنی فطرت اسلام پر پیدا ہونے والا ہر بچہ جنت میں بالکل تر و تازہ اور آسودہ حال ہو گا۔ وہ(بے تابی کے عالم میں ) عرض کرے گا:اے پروردگار! میرے والدین کو میرے پاس آنے کی کوئی سبیل کر دے۔
حضرت خالد بن معدان فرماتے ہیں کہ جنت کے ایک درخت کا نام طوبی ہے، جس کی (شاخیں ) تھن دار ہوں گی جن سے جنتی بچوں کو دودھ پلایا جائے گا۔اور ناقص گر جانے والا حمل جنت کی نہروں میں پلٹیاں کھا رہا ہو گا۔پھر جب انھیں عرصہ محشر میں لایا جائے گا تو یہ چالیس سال کے ہوں گے۔
حضرت عبید اللہ بن عمر فرماتے ہیں کہ جنت میں ایک ایسا درخت ہے جس کی ٹہنیاں گائے کے تھن کی مانند تھن دار ہیں جن سے نونہالانِ بہشت کو غذا فراہم کی جاتی ہے۔
حضرت ابوہریرہ سے مروی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا :
أولاد المؤمنین في الجنۃ یکفلہم إبراہیم و سارۃ، حتی یردہم إلی آبائہم یوم القیامۃ۔
یعنی بہشت میں نونہالانِ اہل ایمان کی کفالت حضرات ابراہیم وسارہ فرمائیں گے۔پھر قیامت کے دن یہ بچے اپنے اپنے والدین کے سپردہو جائیں گے۔
والحمد للّٰہ ربِّ العالمین۔
٭٭٭

حواشی

(۱) مشکوٰۃ المصابیح: ۱؍ ۳۶۳ حدیث: ۱۶۰۹… مستدرک: ۱۸؍ ۲۷۲ حدیث: ۸۰۱۴ … شعب الایمان: ۲۰؍ ۳۵۳حدیث: ۹۵۳۵… مسند عبد بن حمید: ۱؍ ۳۸۵ حدیث: ۳۴۹… مسند شہاب قضاعی: ۱؍ ۲۴۲حدیث: ۱۴۳ … الزہد والرقائق ابن مبارک: ۲؍ ۱۲۱ حدیث: ۵۸۸ … المطالب العالیہ : ۳؍۹ حدیث: ۸۲۳ … مجمع الزوائد:۱؍ ۴۲۵ …کنز العمال : ۱۵؍ ۵۴۶ حدیث: ۴۲۱۱۰۔
(۲) کشف الخفاء: ۱؍۲۹۷ حدیث: ۹۴۸ … کنز العمال: ۱۵؍۵۱ ۵حدیث: ۴۲۱۳۶۔
(۳) مشکوٰۃ المصابیح:۳؍ ۱۳۷ حدیث: ۵۲۴۹… مسنداحمد: ۱۴؍ ۹۸ حدیث: ۶۵۶۰ … مستدرک حاکم: ۱۸؍ ۲۵۳ حدیث: ۲۹۹۵ … الزہد والرقائق : ۲؍ ۱۲۰حدیث: ۵۸۷ … المقاصد الحسنۃ: ۱؍ ۱۱۸… کشف الخفاء: ۱؍۴۱۱ حدیث: ۱۳۱۸ … کنز العمال: ۳؍ ۱۸۵حدیث: ۶۰۸۲… مجمع الزوائد: ۱۰؍ ۲۸۸ … مسند جامع: ۲۷؍ ۲ حدیث: ۸۷۲۸۔
(۴) سورۂ آل عمران:۳؍ ۱۹۸۔
(۵) سورۂ آل عمران: ۳؍ ۱۷۸۔
(۶) سورۂ آل عمران:۳؍ ۱۹۸۔
(۷) سورۂ آل عمران: ۳؍ ۱۷۸۔
(۸) معجم کبیر طبرانی: ۳؍ ۴۷۸ حدیث: ۳۳۷۹ … مسند شامیین: ۵؍ ۳۰۲ حدیث: ۱۶۵۳ … مجمع الزوائد: ۴؍ ۴۹۸… کنز العمال: ۲؍ ۲۰۴حدیث: ۳۷۶۷۔
(۹) مشکوٰۃ المصابیح : ۱؍ ۳۶۸ حدیث: ۱۶۳۰…مسند احمد: ۳۷؍ ۴۹۰ حدیث: ۱۷۸۰۳ … مصنف ابن ابی شیبہ: ۳؍ ۲۵۶ حدیث: ۱۸۵ … تہذیب الآثار طبری: ۲؍ ۲۱۳ حدیث: ۱۷۲ … الرد علی الجہمیۃ دارمی: ۱؍ ۵۷ حدیث: ۵۳ … الزہد لہناد بن سری: ۱؍ ۳۷۰ حدیث: ۳۳۳… الشریعہ آجری: ۲؍ ۴۵۲ حدیث: ۸۵۷… مجمع الزوائد: ۳؍ ۴۹ …مسند جامع: ۶؍ ۲۳۱ حدیث: ۱۷۲۶۔
(۱۰) مسند احمدبن حنبل: ۳۸؍ ۵۹ حدیث: ۱۷۸۷۲… مصنف عبد الرزاق: ۳؍ ۵۸۰ حدیث: ۶۷۳۷ … تہذیب الآثار طبری: ۲؍ ۲۲۲ حدیث: ۱۸۱… السنۃ لعبد اللہ بن احمد: ۳؍ ۳۶۲ حدیث: ۱۳۱۶۔
(۱۱) صحیح ابن حبان: ۱۳؍۲۳ حدیث: ۳۰۷۸ … موارد الظمآن: ۱؍ ۱۸۷۔
(۱۲) تخریج احادیث الاحیاء: ۹؍ ۴۳۱ حدیث: ۴۴۳۱۔
(۱۳) سورۂ واقعہ:۵۶؍ ۸۸تا۸۹۔
(۱۴) سورۂ نحل:۱۶؍ ۳۲۔
(۱۵) سنن ترمذی: ۸؍ ۵۰۰ حدیث: ۲۳۸۴… کنزالعمال: ۱۵؍ ۵۴۶ حدیث: ۴۲۱۰۹…مسندجامع: ۱۴؍ ۴۳۴ حدیث: ۴۶۸۹… مشکوٰہ المصابیح : ۳؍ ۱۶۱ حدیث: ۵۳۵۲۔
(۱۶) صحیح بخاری: ۵؍ ۱۶۵حدیث: ۱۲۸۵… صحیح مسلم: ۱۴؍ ۳۱حدیث: ۵۱۱۵… سنن ابوداؤد: ۹؍ ۳۷ حدیث: ۲۸۱۲… سنن نسائی: ۷؍ ۱۸۲ حدیث: ۲۰۲۳…مشکوٰہ المصابیح : ۱؍ ۲۷ حدیث: ۱۲۶… مسنداحمد: ۲۷؍ ۱۱ حدیث: ۱۲۹۶۴… سنن کبریٰ بیہقی: ۴؍ ۸۰… سنن کبریٰ نسائی: ۱؍ ۶۵۹… مصنف عبدبن حمید: ۳؍ ۳۰۳ حدیث: ۱۱۸۳ …السنۃ لعبداللہ بن احمد: ۳؍ ۳۵۰ حدیث: ۱۳۰۴… الشریعہ آجری: ۲؍ ۴۴۷ حدیث: ۸۵۲… شرح اصول اعتقاد اہل السنۃ والجماعۃ لالکائی: ۵؍ ۲۳۵حدیث: ۱۷۲۶… فوائد ابوعلی الصواف: ۱؍۲ حدیث: ۱… کنزالعمال: ۱۵؍ ۶۳۴ حدیث: ۴۲۵۰۳ … مسندجامع: ۲؍ ۳۴۰ حدیث: ۶۰۶۔
(۱۷) مشکوٰہ المصابیح : ۱؍ ۲۸ حدیث: ۱۳۰… کنزالعمال: ۱۵؍ ۶۳۲ حدیث: ۴۲۵۰۰۔
(۱۸) صحیح ابن حبان: ۱۳؍ ۲۲۰حدیث: ۳۱۷۸… موارد الظمآن: ۱؍ ۱۹۷… اثبات عذاب القبر بیہقی: ۱؍ ۶۴ حدیث: ۵۴… الاعتقادبیہقی: ۱؍۲۲۱حدیث: ۱۹۷… الزہد لہناد بن سری:۱؍ ۳۶۹حدیث: ۳۳۲۔
(۱۹) معجم کبیر طبرانی : ۲۰؍ ۲ حدیث: ۱۲۰۵… سنن ترمذی: ۸؍ ۵۰۰ حدیث: ۲۳۸۴… مشکوٰہ المصابیح : ۳؍ ۱۶۱ حدیث: ۵۳۵۲…المقاصد الحسنۃ: ۱؍ ۱۶۱… نظم المتناثر:۱؍ ۱۲۴… کشف الخفائ: ۲؍۹۰ حدیث: ۱۸۵۳… تذکرۃ الموضوعات: ۱؍ ۲۱۶ … کنزالعمال: ۱۵؍ ۵۴۶ حدیث: ۴۲۱۰۹…مسندجامع: ۱۴؍ ۴۳۴ حدیث: ۴۶۸۹۔
(۲۰) کنزالعمال: ۱۵؍۰۱ ۶حدیث: ۴۲۳۸۶۔
(۲۱) کنزالعمال: ۲؍ ۳۰ حدیث: ۳۰۱۲۔
(۲۲) معجم کبیرطبرانی: ۱۳؍ ۳۱۱حدیث: ۱۵۳۱۶… ضعفاء الکبیرعقیلی: ۷؍ ۲۰۰ حدیث: ۱۶۵۲… مجمع الزوائد و منبع الفوائد: ۲؍ ۱۵۹… الموضوعات: ۳؍ ۱۶۳۔
(۲۳) الترغیب فی فضائل الاعمال وثواب ذلک لابن شاہین: ۱؍ ۲۲۰ حدیث: ۱۹۶… کنز العمال: ۱؍ ۵۴۷ حدیث: ۲۴۴۹۔
(۲۴) اوسط لابن منذر میں آپ کا ایک قول یوں بھی نقل ہوا ہے :
لا تغالوا بکفني فإن یک لصاحبکم عند اللّٰہ خیراً بدل کسوۃ خیرا من کسوتکم و إلا سلبہ سلباً سریعا۔ ( ۹؍ ۱۲۶ حدیث: ۲۹۱۴)
(۲۵) سنن ترمذی: ۴؍ ۱۱۲ حدیث: ۹۱۶… سنن نسائی: ۶؍ ۴۵۶ حدیث: ۱۸۶۹ …سنن ابن ماجہ: ۴؍ ۴۱۳ حدیث: ۱۴۶۳… مصنف عبد الرزاق: ۳؍۴۳۱حدیث: ۶… مسند ابویعلی موصلی: ۵؍ ۲۸۸ حدیث: ۲۱۸۰… صحیح ابن حبان: ۱۳؍ ۶۵ حدیث: ۳۰۹۹… اخبار اَصبہان:۱۰؍۱۳۳ حدیث: ۲۰۳۱… اوسط لابن منذر: ۹؍ ۱۲۶ حدیث: ۲۹۱۴… فوائد تمام: ۱؍ ۲۵۷ حدیث: ۲۵۸ … کنز العمال: ۱۵؍ ۵۷۶ حدیث: ۴۲۲۴۳…مسندجامع: ۳۸؍۳۵۲ حدیث: ۱۲۵۳۱… تحفۃ الاشراف: ۱۱؍۲۰۲۔
کنزالعمال کے علاوہ مذکورہ دوسرے حوالجات میں حدیث کا آخری ٹکڑا’’فإنہم یتزاورون في قبورہم‘‘ نہیں ملتا۔بلکہ کنزالعمال میں بھی اس کی بجائے یہ آیا ہے:’’و یتزاورون في أکفانہم ‘‘
(۲۶) الکنی و الاسماء دولابی: ۶؍ ۳۴۱ حدیث: ۱۶۰۳۔
(۲۷) سورۂ نساء: ۴؍ ۶۹۔
(۲۸) کنزالعمال متقی ہندی: ۴؍ ۴۱۳ حدیث: ۱۱۱۷۰۔
(۲۹) مسندعبدبن حمید: ۲؍۲۹۷ حدیث: ۲۸۱۔
(۳۰) مصنف ابن ابی شیبہ: ۴؍ ۵۶۳ حدیث: ۱۸… البعث والنشور بیہقی:۱؍ ۲۲۷ حدیث: ۲۱۲… الجہاد لابن المبارک: ۱؍ ۸۳ حدیث: ۸۲… سباعیات ابوالمعالی فراوی: ۱؍ ۱۵ حدیث: ۱۴… مسند جامع: ۴؍ ۱۶۹۔
(۳۱) سورۂ زمر:۳۹؍ ۴۲۔
(۳۲) اس کی تصدیق اس واقعے سے بھی ہوتی ہے جسے امام ذہبی نے اپنی کتاب ’’الکبائر‘‘ میں نقل کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ایک امیر کبیر شخص حج بیت اللہ کے اِرادے سے نکلا۔ جب وہ مکہ معظمہ پہنچا تو اس نے ایک صاحب امانت و دیانت شخص کے پاس ایک ہزار دینار امانۃً رکھ دیے تاکہ وقوف عرفات کے بعد وہ آ کر انھیں واپس لے لے۔ واپسی میں اسے معلوم ہوتا ہے کہ وہ شخص فوت ہو چکا ہے۔گھر والوں سے پوچھا تو انھوں نے صاف صاف انکار کر دیا کہ ہمیں اس سلسلہ میں کچھ بھی علم نہیں۔ چنانچہ وہ شخص علمائے مکہ کی بارگاہ میں جا کر اپنا ماجراسنایا۔انھوں نے فرمایا: نصف شب میں تم چاہِ زمزم کے پاس جاؤ اور اس شخص کا نام لے کر وہاں پکارو، اگر وہ اہل بہشت سے ہو گا تو تمہاری پکار کا پہلی فرصت میں جواب دے گا۔ چنانچہ وہ شخص چاہِ زمزم کے پاس پہنچ کر آواز دینے لگا مگر کہیں سے اسے کوئی جواب نہ ملا۔ نامراد ہو کر پھر علما کی خدمت میں پہنچا۔اس کی داستان سن کر انھوں نے ’’انا للہ و انا الیہ راجعون‘‘ پڑھا اور کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے تمہارا دوست اہل دوزخ سے ہو گیا۔اب ایسا کروسرزمین یمن جاؤ اور وہاں چاہِ برہوت (جس کے بارے میں آتا ہے کہ وہ جہنم کے دہانے پر واقع ہے) کے پاس اسے آواز لگاؤ، اُمید ہے کہ وہ تمہاری آواز کا جواب دے گا۔چنانچہ وہ شخص یمن پہنچا اور پوچھتے پوچھتے چاہِ برہوت کے پاس شب میں پہنچا اور اس کا نام لے کر آواز لگائی۔اس نے جواب دیا۔ پوچھا: میرے دینار کہاں ہیں ؟ اس نے بتایا کہ میں نے اپنے گھر میں فلاں مقام پر انھیں دفن کر دیا ہے مگر اس کے بارے میں گھر والوں کو مطلع نہ کرسکا۔تو جاؤ اور زمین کھود کر اپنی امانت حاصل کر لو۔
اس نے کہا:ہم تو آپ کو بڑا پرہیزگار اور دین دار سمجھ رہے تھے، آخر کیا چیز آپ کو یہاں لے آئی؟ کہا: اصل میں ہوا یہ کہ میری ایک فقیرو بے سہارا بہن تھی جس کی طرف سے میں ہمیشہ غافل رہا اور اس کی دیکھ ریکھ نہ کی تواسی کا خمیازہ یہاں بھگت رہا ہوں۔ کتنی سچی بات فرمائی ہے میرے آقا علیہ السلام نے:
لایدخل الجنۃ قاطع رحم۔ یعنی خونی رشتے کاٹنے والا جنت میں داخل نہیں ہوسکتا۔(الکبائر: ۱؍۱۷) - چریاکوٹی۔
(۳۳) مشکوٰۃ المصابیح: ۱؍ ۲۰۴ حدیث: ۹۳۴… شعب الایمان: ۴؍ ۱۰۳حدیث: ۱۵۴۴… حیاۃ الانبیاء فی قبورہم: ۱؍ ۱۹ حدیث: ۱۸… کنز العمال: ۱؍ ۴۹۲ حدیث: ۲۱۶۵ … روضۃ المحدثین: ۳؍ ۴۱۸ حدیث: ۱۱۹۳۔
(۳۴) صحیح بخاری: ۵؍ ۱۷۸ حدیث: ۱۲۹۳-۵۷۲۷-۳۰۱۵…سنن ابن ماجہ: ۴؍ ۴۶۵ حدیث: ۱۵۰۰ … مشکوٰۃ المصابیح: ۳؍ ۳۳۸ حدیث:۶۱۲۸… مسند احمد: ۳۸ ؍ ۱۰۳ حدیث: ۱۲۹۱۶… مصنف ابن ابی شیبہ: ۳؍ ۲۵۵ حدیث: ۱۸۳… مستدرک: ۱۶؍ ۸۶ حدیث: ۶۹۲۱… صحیح ابن حبان: ۲۸؍ ۴۳۹ حدیث: ۷۰۷۵ … مسند طیالسی: ۲؍ ۳۰۴ حدیث: ۷۸۵… کنزالعمال: ۱۱؍ ۴۷۰ حدیث: ۳۲۲۱۲ … مجمع الزوائد: ۹؍ ۱۶۲۔
٭٭٭

تشکر: ڈاکٹر مشاہد رضوی جنہوں نے فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

موت کیا ہے؟ (بُشْرَی الکَئِیْبْ بِلِقَاءِ الحَبِیْبْ)