دین و مذہب

موجوں کا اضطراب

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (2,220 الفاظ)

موجِ ہوائے رنگ

شہزاد احمد

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

یہ سوچ کر کہ تیری جبیں پر نہ بل پڑے بس دور ہی سے دیکھ لیا اور چل پڑے

دل میں پھر اِک کسک سی اٹھی مدتوں کے بعد
اِک عمر سے رکے ہوئے آنسو نکل پڑے

سینے میں بے قرار ہیں مردہ محبتیں ممکن ہے یہ چراغ کبھی خود ہی جل پڑے

اے دل تجھے بدلتی ہوئی رُت سے کیا ملا
پودوں میں پھول اور درختوں میں پھل پڑے

اب کس کے انتظار میں جاگیں تمام شب وہ ساتھ ہو تو نیند میں کیسے خلل پڑے

شہزاد دل کو ضبط کا یارا نہیں رہا نکلا جو ماہتاب سمندر اچھل پڑے ٭٭

دلِ فسردہ اسے کیوں گلے لگا نہ لیا
قریب رہ کے بھی جس نے تیرا پتا نہ لیا

بس ایک لمحے میں کیا کچھ گزر گئی دل پر
بحال ہوتے ہوئے ہم نے اک زمانہ لیا

تمام عمر ہوا پھانکتے ہوئے گزری رہے زمیں پہ مگر خاک کا مزا نہ لیا

جو تھا عزیز اسی سے گریز کرتے رہے گلی گلی میں پھرے، اپنا راستہ نہ لیا

کسی بھی حال میں پہنچے تو ہیں کنارے پر
یہی بہت ہے کہ احسانِ ناخدا نہ لیا

امید شعلہ نہیں آفتاب ہے شہزاد
چراغ تھا تو ہواؤں نے کیوں بجھا نہ لیا
٭٭

دل میں وہ آباد ہے جس کو کبھی چاہا نہ تھا
چور سے ڈرتے تھے لیکن گھر کا دروازہ نہ تھا

گرچہ وہ آباد ہے تارِ رگِ جاں کے قریب
ڈھونڈتے اس کو کہاں جس کو کہیں دیکھا نہ تھا

اب جہاں میں ہوں وہاں میرے سوا کچھ بھی نہیں
میں اسی صحرا میں رہتا تھا مگر تنہا نہ تھا

پیاسی آنکھوں میں کوئی آنسو نہ آیا تھا ابھی
خشک تھی دل کی زمیں پانی ابھی برسا نہ تھا

حسرتیں رہنے لگیں غولِ بیاباں کی طرح
آرزوؤں کا نگر بسنے ابھی پایا نہ تھا
٭٭

لوگ اس بزم سے آئے تو غزل خواں آئے ہم پریشان گئے اور پشیماں آئے

بجھ گئے آج سُلگتی ہوئی یادوں کے چراغ
یوں سکوں آیا ہے جیسے کوئی طوفاں آئے

شوقِ منزل نے کسی گام بھی رکنے نہ دیا راہ میں لاکھ چمن لاکھ بیاباں آئے

پا بہ زنجیر اڑا لائی ہے اک یاد ہمیں آج کس حال میں سُوئے چمنستاں آئے

دلِ برباد میں یوں آئی ہے امید تیری جس طرح نورِ سحر حشر بداماں آئے

ڈس نہ جائے کہیں ناگن سی لپکتی ہوئی رات
کوئی لمحہ میری دنیا میں فروزاں آئے

دل میں طوفان چھپے بیٹھے ہیں لیکن شہزاد
ایک مدت ہوئی آنسو سرِ مژگاں آئے
٭٭

نور برسا پھول سے اور خون برسا سنگ سے
اہتمامِ فصلِ گل ہے اپنے اپنے رنگ سے

پا شکستہ ہوں مگر محرومِ ذوقِ دل نہیں
منزلوں کو دیکھ لیتا ہوں کئی فرسنگ سے

مجھ کو آوارہ ہواؤ ساتھ اپنے لے چلو
میرا جی گھبرا گیا ہے اس جہانِ تنگ سے

محفلِ گل میں کوئی تارا ضیاء پھیلا گیا
دیر تک رونق رہی موجِ ہوائے رنگ سے

آخرِ شب یوں برستے ہیں میری آنکھوں سے اشک
قطرہ قطرہ ہو کے جیسے خون ٹپکے سنگ سے

نور بن کر فضا میں پھیلتا ہے کوئی گیت
راگ بن بن کر جوانی پھوٹتی ہے چنگ سے

دور تک گہری اداسی کے سوا کچھ بھی نہیں
زندگی شہزاد گزرے گی مگر کس ڈھنگ سے
٭٭

ہم دو قدم بھی چل نہ سکے، خاکِ پا ہوئے
جو قافلے کے ساتھ گئے، جانے کیا ہوئے

آنکھوں میں ایک اشک سحر تک نہ آ سکا کن حسرتوں کے ساتھ ستارے جدا ہوئے

دل کو شبِ طرب کی فضا یاد رہ گئی لیکن وہ انتظار کے لمحات کیا ہوئے

اس پیکرِ بہار کی بُو باس یاد ہے مدت گزر گئی ہے اگرچہ جدا ہوئے

جو لفظ کہہ دیئے وہ بنے کائناتِ شوق لیکن وہ لفظ جو نہ زباں سے ادا ہوئے

مٹنے لگا ہے رنج و مسرت کا امتیاز شہزاد کس فریب میں ہم مبتلا ہوئے ٭٭

بے تابیِ غم ہائے دروں کم نہیں ہو گی
یہ آگ تو اب تم سے بھی مدھم نہیں ہو گی

دامن کو ضیائے رخِ مہتاب سے بھر لے اب بارشِ انوار ہے، پیہم نہیں ہو گی

تو ہی دلِ بیتاب جو سو جائے تو سو جائے
یہ چاندنی اس رات تو مدھم نہیں ہو گی

میں ان کے لئے غیر ہوں وہ میرے لئے غیر
اچھا ہے کہ اب رنجشِ باہم نہیں ہو گی

ہم سب کو سنا کر ہی رہیں گے غمِ ہستی آواز کسی شور میں مدغم نہیں ہو گی

اب قافلۂ زیست ہی رک جائے تو رک جائے
یہ درد کی لذت تو کبھی کم نہیں ہو گی
٭٭

پریت بِنا جگ سُونا سُونا پریت کیے دکھ ہوئے
جیون ہی جگ روگ بنا من جیسے چاہے روئے

آنکھ مچولی سی کھیلی ہے ساری ساری رات
سو سو کر ہم جاگ اٹھے اور جاگ جاگ کر سوئے

بوند بوند ہو ہو کے لہو سب انگ انگ سے ٹپکا
سیج سیج پر کانٹے ہم نے کروٹ کروٹ بوئے

دکھیارے من مورکھ کو اندھیارا ہی من بھائے
کرے نہ کوئی تارا جگمگ کبھی بھور نہ ہوئے

اِک اِک دکھ سہہ سہہ کر کتنی یادوں کو اپنایا
کلی کلی چُن چُن کر ہم نے کتنے ہار پروئے

آس دلانے والا سارے جگ میں کوئی نہ پایا
کس کس کو دکھڑا نہ سنایا کس کس پاس نہ روئے
٭٭

میں جو روتا ہوں تو کہتے ہیں کہ ایسا نہ کرو
تم اگر میری جگہ ہو تو بھلا کیا نہ کرو

اب تو اے دل ہوسِ ساغر و مینا نہ کرو
چھوڑ بھی دو یہ تقاضا یہ تقاضا نہ کرو

دل پہ اے دوست قیامت سی گزر جاتی ہے تم نگاہِ غلط انداز سے دیکھا نہ کرو

پھر بھی آنکھیں انہیں ہر بات بتا دیتی ہیں
دل کو کہتا ہے کسی بات کا چرچا نہ کرو

اب میرا درد میری جان ہُوا جاتا ہے
اے میرے چارہ گرو اب مجھے اچھا نہ کرو

یہ سرِ بزم میری سمت اشارے کیسے میں تماشا تو نہیں میرا تماشا نہ کرو

مل ہی جاتی ہے کبھی یاس میں تسکین مجھے
اے امیدو مجھے ایسے میں تو چھیڑا نہ کرو

اس نے شہزاد تیری بات کو ٹھکرا ہی دیا
میں نہ کہتا تھا اظہارِ تمنا نہ کرو
٭٭

کبھی ان سے کبھی خود سے بھی غافل ہو گیا ہوں میں
دیارِ بیخودی میں اب تیرے قابل ہو گیا ہوں میں

سرِ محفل بہ اندازِ تغافل دیکھنے والے
تیری بے اعتنائی کا بھی قائل ہو گیا ہوں میں

بگولوں کی طرح اڑتا پھرا ہوں شوقِ منزل میں
مگر منزل پہ آ کے خاکِ منزل ہو گیا ہوں میں

میری ساحل نشینی انتظارِ سیلِ بے پایاں
انہیں ڈر ہے کہ اب پابندِ ساحل ہو گیا ہوں میں

تمہاری آرزو میں میں نے اپنی آرزو کی تھی
خود اپنی جستجو کا آپ قائل ہو گیا ہوں میں

میری سب زندگی شہزاد اسی عالم میں گزری ہے
کبھی ان سے کبھی غم سے مقابل ہو گیا ہوں میں
٭٭

دل و نظر پہ تیرے بعد کیا نہیں گزرا تجھے گماں کہ کوئی حادثہ نہیں گزرا

وہاں وہاں بھی مجھے لے گیا ہے شوقِ سفر
کبھی جہاں سے کوئی قافلہ نہیں گزرا

اگرچہ تو بھی نہیں اب دلوں کی دنیا میں
مگر یہاں کوئی تیرے سوا نہیں گزرا

ہم اب تو اس کو بھی حادثہ سمجھتے ہیں خیال تھا کہ کوئی حادثہ نہیں گزرا

کبھی کبھی نظر آئی امید بھی شہزاد ہمارا وقت کبھی ایک سا نہیں گزرا ٭٭

شاید کوئی فسوں ہے تمہاری نگاہ میں لذت سی پا رہا ہوں غمِ بے پناہ میں

اڑنے کے واسطے کسی جھونکے کے منتظر بیٹھے ہوئے ہیں خاک کی مانند راہ میں

یادیں بھی ہیں امید بھی ہے بے بسی بھی ہے
اے دوست کیا نہیں ہے ہماری نگاہ میں

اے دل میری شکستِ وفا پر نہ مسکرا تو بھی شریک ہے میرے حالِ تباہ میں

ہم کو سِوائے شدتِ غم کچھ نہ مل سکا لوگوں نے ایک کیف سا پایا گناہ میں

شہزاد ہم کو عہدِ طرب بھولتا نہیں جلوے سلگ رہے ہیں ہماری نگاہ میں ٭٭

کچھ اور وہم دل میں سمایا نہیں ہنوز ہم نے تیرا خیال بھلایا نہیں ہنوز

تو کیا ہے، دل کے کونسے گوشے میں ہے نہاں
خود کھو گئے مگر تجھے پایا نہیں ہنوز

اب تک وہی امید کا عالم ہے رو برو نومیدیوں نے جی کو جلایا نہیں ہنوز

تجھ کو بھی دیکھنے کی ہوس دل میں ہے مگر
تیری طرح کوئی نظر آیا نہیں ہنوز

پہلے ہی چشمِ شوق سے یہ بد گمانیاں تو نے تو ہم سے ربط بڑھایا نہیں ہنوز

جا بھی چکے وہ ، ہو بھی چکی داستاں تمام
شہزاد پھر بھی آپ میں آیا نہیں ہنوز
٭٭

مجھ سے ترے حضور چھپایا نہ جا سکا وہ ماجرائے غم کہ سنایا نہ جا سکا

تو نے تو ہم کو بخش دیے دو جہاں کے غم
بارِ کرم ہمیں سے اٹھایا نہ جا سکا

ہیں جاں فزا زمانے کی رنگینیاں مگر دل وہ دیار تھا کہ بھلایا نہ جا سکا

گرچہ ترا خیال ہی تھا وجہِ اضطراب لیکن ترا خیال بھلایا نہ جا سکا

یوں تو ہمیں قبول غمِ جاوداں بھی تھا لیکن غمِ حبیب اٹھایا نہ جا سکا

جانے لگا تو جی سے گیا راہِ عشق میں آنے لگا تو آپ میں آیا نہ جا سکا

شہزاد اس نے پا ہی لیا مدعا میرا
تجھ سے تو اس قدر بھی چھپایا نہ جا سکا
٭٭

ستارہ اپنی بھی تابندگی نہ دیکھ سکا
وہ دھند تھی کہ یہ منظر کوئی نہ دیکھ سکا

تلاش کرتے ہوئے انگلیاں جلا ڈالیں
وہ تیرگی تھی کہ میں شمع بھی نہ دیکھ سکا

ملا تھا شام مجھے ایک بجھا ہوا سورج
میں اس کے بعد کبھی روشنی نہ دیکھ سکا

جو ربط باقی تھے سب قطع کر لئے اس نے
وہ مہرباں میری بیچارگی نہ دیکھ سکا

نگاہ ویسے تو بامِ فلک کو چھو آئی
میں جس زمیں پہ کھڑا تھا وہی نہ دیکھ سکا

وہی ہے آئینہ خانہ وہی ہیں تصویریں
میں عمر بھر کوئی صورت نئی نہ دیکھ سکا

تمام شہر میں وہ دیدہ ور ہوا مشہور
وہ اپنی ناک سے آگے کبھی نہ دیکھ سکا
٭٭

سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ دل کی خو کیا تھی
سفر تو آٹھ پہر کا تھا جستجو کیا تھی

وہ آبشار کے پانی سی طبع رکھتا تھا مگر تھکے ہوئے لہجے کی گفتگو کیا تھی

ہوئی شکست جہاں فتح کا یقین ہوا کوئی چھپا ہوا دشمن تھا آرزو کیا تھی

تلاش کرتے ہو کس شے کو کس خرابے میں
درخت ہی نہ رہے شاخِ رنگ و بو کیا تھی

تو آفتاب اگر تھا تو کیوں غروب ہوا
یہ روشنی سی ترے بعد چار سو کیا تھی
٭٭

ممکن ہو آپ سے تو بھلا دیجئے مجھے پتھر پہ ہوں لکیر مٹا دیجئے مجھے

ہر روز مجھ سے تازہ شکایت ہے آپ کو میں کیا ہوں، ایک بار بتا دیجئے مجھے

میرے سوا بھی ہے کوئی موضوعِ گفتگو اپنا بھی کوئی رنگ دکھا دیجئے مجھے

میں کیا ہوں کس جگہ ہوں مجھے کچھ خبر نہیں
ہیں آپ کتنی دور صدا دیجئے مجھے

کی میں نے اپنے زخم کی تشہیر جا بجا میں مانتا ہوں جرم سزا دیجئے مجھے

قائم تو ہو سکے کوئی رشتہ گہر کے ساتھ گہرے سمندروں میں بہا دیجئے مجھے

شب بھر کرن کرن کو ترسنے سے فائدہ ہے تیرگی تو آگ لگا دیجئے مجھے

جلتے دنوں میں خود پسِ دیوار بیٹھ کر سائے کی جستجو میں لگا دیجئے مجھے

شہزادؔ یوں تو شعلۂ جاں سرد ہو چکا
لیکن سُلگ اٹھیں تو ہوا دیجئے مجھے
٭٭

جو شجر سوکھ گیا ہے وہ ہرا کیسے ہو میں پیمبر تو نہیں میرا کہا کیسے ہو

دل کے ہر ذرے پہ ہے نقش محبت اس کی
نور آنکھوں کا ہے آنکھوں سے جدا کیسے ہو

جس کو جانا ہی نہیں اس کو خدا کیوں مانیں
اور جسے جان چکے ہیں وہ خدا کیسے ہو

عمر ساری تو اندھیرے میں نہیں کٹ سکتی
ہاں مگر دل نہ جلائیں تو ضیاء کیسے ہو

جس سے دو روز بھی کھُل کر نہ ملاقات ہوئی
مدتوں بعد ملے بھی تو گلہ کیسے ہو

کن نگاہوں سے اسے دیکھ رہا ہوں شہزاد
مجھ کو معلوم نہیں اس کو پتا کیسے ہو
٭٭

حال اس کا تیرے چہرے پہ لکھا لگتا ہے
وہ جو چپ چاپ کھڑا ہے تیرا کیا لگتا ہے

یوں تو ہر چیز سلامت ہے میری دنیا میں ایک تعلق ہے جو ٹوٹا ہوا لگتا ہے

میں نے سوچا تھا کہ آباد ہوں اک شہر میں میں
یہاں تو ہر شخص کا انداز جدا لگتا ہے

مدتیں بیت گئیں طے نہ ہوئی منزلِ شوق
ایک عالم میرے رستے میں پڑا لگتا ہے

اے میرے جذبۂ دوراں مجھ میں کشش ہے اتنی
جو خطا ہوتا ہے وہ تیر بھی آ لگتا ہے

جانے کون سی پستی میں گِرا ہوں شہزادؔ
سورج بھی اس قدر دور ہے کہ دِیا لگتا ہے
٭٭

اپنی تصویر کو آنکھوں سے لگاتا کیا ہے
اک نظر میری طرف دیکھ ترا جاتا کیا ہے

میری رسوائی میں تو بھی ہے برابر کا شریک
میرے قصے میرے یاروں کو سناتا کیا ہے

پاس رہ کر بھی نہ پہچان سکا تو مجھ کو
دور سے دیکھ کے اب ہاتھ ہلاتا کیا ہے

سفرِ شوق میں کیوں کانپتے ہیں پاؤں تیرے
دور سے دیکھ کے اب ہاتھ اٹھاتا کیا ہے

عمر بھر اپنے گریباں سے الجھنے والے تو مجھے میرے سائے سے ڈراتا کیا ہے

مر گئے پیاس کے مارے تو اٹھا ابرِ کرم
بجھ گئی بزم تو اب شمع جلاتا کیا ہے

میں تیرا کچھ بھی نہیں ہوں مگر اتنا تو بتا
دیکھ کر مجھ کو تیرے ذہن میں آتا کیا ہے
٭٭

مآخذ:
http://urduworld.com/allpoets/329-shehzad-ahmed
http://www.alqlm.org/forum/showthread.php?t=5138
http://forum.urduworld.com/f670/index.html
http://www.urdumanzil.com/pw/shahzad%20ahmed/index.html
تدوین اور ای بک کی تشکیل:
اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

موجوں کا اضطراب