اردو شاعری و کلام

موسمِ ہجر جواں ہے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (3,175 الفاظ)

موسمِ ہجر جواں ہے

انتخابِ غزلیات

عبدالرحیم نشتر  

موسمِ ہجر جواں ہے

عبدالرحیم نشتر

شعری مجموعے
۱۔پہلا شعری مجموعہ اعراف ۱۹۷۲ میں شائع ہوا۔
۲۔دوسرا شعری مجموعہ شامِ گراں ۱۹۷۸ میں شائع ہوا۔

 

ہوا کے ہاتھ میں پتھر دبا کر بھیج دیتا ہے
مر ا انعام وہ مجھ کو برابر بھیج دیتا ہے
نظر آتا ہے میرا ہاتھ ہر تخریب میں اس کو
کوئی تہمت کہیں اٹھے میرے سر بھیج دیتا ہے
مجھے بھی اب کسی تعمیر کا سودا نہیں ہوتا
اسے بھی ضد ہے بربادی کے منظر بھیج دیتا ہے
اگر بجھنے لگے میری رگوں میں آتشِ دوراں
تو وہ جلتے ہوئے موسم کے تیور بھیج دیتا ہے
یہ کیسی گل کھلاتی ہیں میری زیتون کی شاخیں
مری سرحد میں وہ جرار لشکر بھیج دیتا ہے
یہی مٹی ، یہی آب و ہوا تو میرے قاتل ہیں
نجانے کیوں مجھے موسم یہی پر بھیج دیتا ہے
کھلونوں سے بہل جاتا ہوں یہ معلوم ہے اس کو
تبھی تو و ہ نئی افتاد اکثر بھیج دیتا ہے
 

ہمیں یہ چھو ڑ گیا لا کے اندھا وقت کہاں
ہمارے پیروں تلے تھی زمین سخت کہاں
ہماری موت پہ دشمن بھی آہ بھرتے تھے
زہے نصیب کہ روشن ہوئی شکست کہاں
پناہ گاہیں بناتا ہے وہ سبھی کے لئے
مہاجرین اٹھاتے ہیں ساز و رخت کہاں
یہ سوندھی سوندھی سی خوشبو کہاں سے اٹھتی ہے
یہ بھیگی بھیگی زمیں ہو گئی ہے مست کہاں
پہاڑ کاٹتا جاتا ہوں ا ور دیکھتا ہوں
کہاں بہار کا موسم ہے ا ور درخت کہاں
ترے فقیر کہاں بھیک مانگنے جائیں
حدودِ شہر میں تجھ سا فراخ دست کہاں
وہ اپنی خاک نشینی پہ ناز کرتا ہے
ہمایوں کو بھی میسر ہے تاج و تخت کہاں
 

سفید رنگ درندوں نے گل کھلائے تھے
زمین سرخ ہوئی سبز کرنے آئے تھے
سمجھ رہا تھا جنہیں میں بھی روشنی کا سفیر
وہ اپنے ہاتھ میں خنجر چھپا کے لائے تھے
مجھے بھی چاروں طرف تشنگی نے دوڑایا
مری نگاہ پہ آبِ رواں کے سائے تھے
مجھے غرور کہ میں دوستوں کی نیکی ہوں
انہیں خوشی کہ وہ دریا میں ڈال آئے تھے
ہوا تو اپنا قرینہ بدل نہیں سکتی
چراغ آپ نے کس ز عم میں جلائے تھے

 

وہ درد مند تھا مجھ کو پکارنے آیا
مرے ہی در پہ مرا سر اتارنے آیا
کھلی جو آنکھ تو ساکار ہو گیا سپنا
میں سورہا تھا وہ شب خون مارنے آیا
نجانے کونسی دھن میں نکل پڑا گھر سے
نجانے راہ میں کس کو نہارنے آیا
وہ کون لوگ ہے خوشبو کو باندھنے والے
میں کس بہار میں دامن پسارنے آیا
وہ لے گئے کہ رفاقت انہی کا حصہ تھی
میں صرف ہجر کا موسم گزارنے آیا
میرے قریب سے گزرا تو مجھ کو روند گیا
مجھے لگا تھا وہ مٹی سنوارنے آیا
 

جلد مٹ جاؤں مجھے ایسی دعا دے کو ئی
لفظِ متروک ہوں کاغذ سے مٹا دے کوئی
وہ دیا ہوں کہ دھواں گھر میں ہوا جاتا ہے
روشنی کر نہ سکو ں میں تو بجھا دے کوئی
دھول میں غرق ہوں میں کوئی نہیں ہیرا شناس
کیوں نہ اب خاک کے سینے میں چھپا دے کوئی
جھوٹ جینے سے بہت اوب گیا ہوں نشتر
مہرباں موت کو میرا بھی پتہ دے کوئی

 

میں اپنے ڈوبتے سورج سے بے خبر ہی رہا
وہ اپنے اپنے چراغوں کی لو بڑھاتے رہے
کہیں بھی جائے اماں تھی نہ کوئی جائے فرار
تمام گہرے سیہ غار مسکراتے رہے
فضا تھی زر د لہو کا گلال اڑتا تھا
کہ شاخ شاخ پرندے بھی پھڑپھڑاتے رہے
کہیں سے آسماں روشن ہو کوئی چاند سجے
اسی امید پہ ذرات جھلملاتے رہے
بلند و بالا عما رات کا بھرم ٹوٹا
ہوا کے جھونکے اٹھے بام و در ہلاتے رہے
مرے لہو سے کوئی دھار کیوں نہیں پھوٹی
مرے حریف یہ کس کا لہو بہاتے رہے
پلٹ کے دیکھا نہیں ایسے آنکھ بند ہوئی
میں جا رہا تھا مناظر مجھے بلاتے رہے
 

ملتے ملتے ادھوری خوشی رہ گئی
میری آنکھوں میں تھوڑی نمی رہ گئی
ہونٹ دریا کے سوکھے ہوئے رہ گئے
تشنہ لب چل دیا تشنگی رہ گئی
کون سنتا بھلا اس کی آواز کو
چاروں جانب ہوا چیختی رہ گئی
پھر مکانوں کے ملبے میں سب ڈھیر تھے
جب کھلی آنکھ تو بس کھلی رہ گئی
جیسے میں اس کے خوابوں کی تعبیر ہو ں
اس نے دیکھا مجھے دیکھتی رہ گئی
دھوپ نے چٹکیاں لیں تو کچھ بھی نہ تھا
اپنے جگنو کو وہ سوچتی رہ گئی
 

یاد کرتے ہیں وہ ضرور مجھے
آج کل ہے یہی فتور مجھے
اپنی پہچان بھی گنوا بیٹھا
کر دیا اس نے اتنا دور مجھے
آگ لینے کو میں بھی لپکا تھا
راکھ کرتا ہے کوہِ طور مجھے
زندگی کا نشہ سلامت ہے
ہر گھڑی رہتا ہے سرور مجھے
پر شکستہ پرند ہوں لیکن
لے اڑے گا مرا غرور مجھے
گرم رکھتا ہوں موت کا بازار
زندگی کا ہے کیا شعور مجھے
کھٹے میٹھے رسیلے موسم کا
یاد آتا ہے ناگپور مجھے
 

پرندے آشیانہ ڈھونڈتے ہیں
مہاجر ہیں ٹھکانہ ڈھونڈتے ہیں
لبوں پہ لگ گئی ہے مہر چپ کی
مغنی اک ترانہ ڈھونڈتے ہیں
ہمارا شہر جنگل ہو گیا ہے
درندے آب و دانہ ڈھونڈتے ہیں

 

عجب خو ں ریز موسم ہے عجب تیور ہو ا کا ہے
فرشتے قتل ہوتے ہیں خدا چپ چاپ تکتا ہے
صفِ اشجار اپنے سبز پیرہن پہ روتی ہے
بہاروں پر خزاں کا وا ر کتنا سخت ہوتا ہے
سرِ کہسار کیسی روشنی چاروں طرف پھوٹی
یہ کس نے آنکھ کھولی وادیوں کا دل دھڑکتا ہے
مجھے اب تک پھراتا ہے کسی کی آنکھ کا جادو
مرے پیروں میں اب تک کوئی منزل ہے نہ رستہ ہے
اچانک سر مئی کہرے میں کیسی بو نکل آئی
پرندے پھڑپھڑاتے ہیں فضا میں زہر کیسا ہے
ہماری تشنگی سے کس قدر سیراب ہیں دریا
لبِ ساحل ہماری لاش پر بھی جشن برپا ہے
 

اڑا کے راکھ مری نیلگوں فضاؤں میں
بکھیرتا ہے مجھے وہ نئی ہواؤں میں
مجھے لگا نئے آکاش کھوجنے نکلا
مگر وہ قید مجھے کر گیا گپھاؤں میں
کسی درخت کی چھاؤں تلاش کرتا ہوں
کہ دھوپ پھیلتی جاتی ہے سارے گاؤں میں
پکارتی ہیں بدن کی حرارتیں مجھ کو
بھٹک رہا ہوں نئے شہر کی صداؤں میں
مری حیات کی بنیاد کو اکھاڑ دیا
میں کیوں نہ یاد رکھوں آپ کو دعاؤں میں

 

ہونٹوں پہ اس کے زہر مگر دل میں پیار تھا
وہ دشمنِ نگاہ بھی یاروں کا یار تھا
دشمن کھلا ہو ا تھا مگر کیسا با شعور
آنکھوں میں کوئی سنگ نہ سینے میں خار تھا
یہ کیا ہو ا کہ سانس مری گھٹ کے رہ گئی
دل کو کھلی ہوا کا بہت انتظار تھا
اپنی شکستِ فاش کا کس سے گلہ کروں
میری انا کا میری طرف سیدھا وار تھا
غلطیدہ خاک و خوں میں پڑا ہوں کچھ اس طرح
گویا وطن میں رہ کہ غریب الدیار تھا
ہم لوگ اپنے اپنے سفینوں میں رہ گئے
اس نے لگائی جست وہ دریا کے پار تھا

 

مسافر ہوں رستے میں جنگل بچھا دے
مجھے ہر درندے سے لڑنا سکھا دے
مرا خوں پئے تو پئے شیر کوئی
مرے رب نہ کتوں سے مجھ کو بھڑا دے
بچھایا ہے رستے میں در یا جو تو نے
تو پھر میرے ہاتھوں میں کوئی عصا دے
اگر دل دیا ہے تو ہمت عطا کر
نہیں تو اٹھا اپنا دیپک بجھا دے
میں شہباز و شاہین کہلانے والا
مگر کس قدر خام میرے ارادے
لرزنے لگوں خوفِ یلغار سے بھی
تو بہتر ہے اس زند گی سے چھڑا دے
پہاڑوں کو آگے کھڑ ا دیکھتے ہیں
تو پھر کونسی سوچ میں ہے پیادے
 

بحرِ خاموش میں طوفان اٹھا دے کوئی
نیند لیتی ہوئی موجوں کو جگا دے کوئی
موم کی طرح پگھلتے ہوئے جینا کیا ہے
اپنے جیسا ہمیں پتھر ہی بنا دے کوئی
درد تو دولتِ نایاب ہے نشتر صاحب
ورنہ کیوں در د کو سینے میں جگہ دے کوئی

 

مجھ سے کہتے ہیں کہ میں ظلم سہوں کچھ نہ کہوں
حرفِ حق صرف کتابوں میں پڑھوں کچھ نہ کہوں
ہاں وہی ہاتھ مرے جیسوں کا قاتل ہے مگر
میں اسی ہاتھ کو مضبوط کروں کچھ نہ کہوں
دوسرا کون جسے پیش کروں سر اپنا
دشمنِ جاں ہی سہی قدر کروں کچھ نہ کہوں
مسند و منصب و اعزاز کے حقدار ہیں وہ
وہ جنہیں اچھی طرح جانتا ہوں کچھ نہ کہوں
بیچ ہی کھائیں جو یوسف سا برادر پائیں
بس تو پھر ایک کنواں کھود رکھوں کچھ نہ کہوں
راستہ وہ ہے کہ ہر گام اندھیرا خندق
چل پڑ ا ہوں تو چلوں کچھ نہ کہوں کچھ نہ کہوں
لوگ مرنے پہ ہی راضی ہیں تو نشتر صاحب
دور کے ڈھول کی آواز سنوں کچھ نہ کہوں
 

سنا ہے اب وہ شگوفوں سے رنگ چنتا ہے
لکیریں کھینچتا رہتا ہے خواب بنتا ہے
کسی سے کوئی شکایت نہیں رہی اس کو
جواب کچھ نہیں دیتا سوال سنتا ہے
کہاں گئے وہ لہکتے ہوئے شجر وہ طیور
یہ کون شخص ہے کس لَے پہ سر کو دھنتا ہے

 

دھیان رہے رستے لگ جانا پڑتا ہے
گھر سے چلے ہو آگے زمانہ پڑتا ہے
آنکھوں میں گلزار سجا کر نکلے ہو
لیکن رستے میں ویرانہ پڑتا ہے
اپنا ہی سر کاٹ ہتھیلی پر رکھ لوں
اکثر یوں بھی رن میں آنا پڑتا ہے
بے رنگ و روغن جینا آسان نہیں
جھوٹے سچے خواب سجانا پڑتا ہے
اپنی اپنی لاش اٹھانی پڑتی ہے
اپنا اپنا جشن منا نا پڑتا ہے

 

شب گزاری کا طرب خیز بہانہ دے دے
اجنبی شہر مسافر کو ٹھکانہ دے دے
صبح سے خاک اڑائی ہے کہاں جاؤں گا
بھیگتی شام کوئی رنگ سہانا دے دے
موسمِ ہجر جواں ہے تو کھلے در د کے پھول
ان بہاروں میں کوئی میت پرانا دے دے
یہ دکانیں ، یہ خریدار ، یہ رونق ، یہ بہا ر
کوئی تو ہو جو میرے لب کو ترانہ دے دے
کیسی حسرت سے کھلونے کی طرف تکتا ہے
دلِ ضدی کو مری جان ! خزانہ دے دے
اے سلگے ہوئے نو خیز بدن مجھ کو بھی
شعلۂ لمس کے عنواں سے فسانہ دے دے
سر سراتی ہے بدن پر کوئی ناگن نشتر
نیولا چھوڑ دے پھر کھیل پرانا دے دے
 

دور تک پھیلا ہوا دشت سا کوئی نہیں
میں کسے آواز دوں میرے سوا کوئی نہیں
ہر طرف سے باندھ رکھا ہے صداؤں نے حصار
منفرد آواز بھی پہچانتا کوئی نہیں
گھر سے نکلا ہوں اک اک موڑ پہ سنگِ گراں
دیوتا بن کر کھڑے ہیں دیوتا کو ئی نہیں
ایک خوشبو تھی کہ جس نے مجھ کو پاگل کر دیا
ڈھونڈتا پھرتا ہوں لیکن پھول سا کو ئی نہیں
پیڑ کی چھاؤں میں بیٹھا تک رہا ہوں دیر سے
ڈالیوں میں پھل مرے ہی نام کا کوئی نہیں
 

بجھ گئی روح مگر جسم سجا رکھا ہے
یار لوگوں نے اجالے میں دیا رکھا ہے
میں تری مدح کروں تو میری تعریف کر ے
کام اس طرح بھی چلتا ہے چلا رکھا ہے
کیا کڑا وقت ہے قاتل کو مسیحا کہیئے
حسنِ چالاک نے دیوانہ بنا رکھا ہے
کرچیاں بکھریں تو بینائی سے محروم ہوا
دیکھنا چاہا تھا شوکیس میں کیا رکھا ہے
اچھا لگتا ہے اسی تیغ کا ہر وار ہمیں
اس نے ہر زخم میں اک لطف نیا رکھا ہے
 

میں تو جھرنا ہوں پہاڑوں سے اترنے والا
ہے کوئی گیت مرے ساتھ بکھرنے والا
بدلیاں جھوم کے آنے لگیں بادل پھیلائے
دامنِ کوہ سے دریا ہے گزرنے والا
صاف و شفاف نگینوں سی چمکتی ہے ندی
جیسے یہ رنگ ہو آنکھوں میں ٹھہرنے والا
سبز پوشاک سے اٹھتا ہوا اک شوخ سوال
کوئی سمجھا نہیں رستے سے گزرنے والا
ہو چلی شام درختوں سے فضا کہتی ہے
سرِ کہسار ہے مہتاب سنورنے والا
یہ مہکتی ہوئی بارش یہ لہکتی ہوئی شام
خواب دیکھے ہے بہت خواب سے ڈرنے والا
اور کب تک کسی سائے کی تمنا نشتر
دیکھتا رہ گیا دیوا ر کو مرنے والا
 

آسمانوں سے برستی ہے بکھر جاتی ہے
بارشِ خوں ہے جہاں تک بھی نظر جاتی ہے
ہر نئی صبح نئے کرب کا سورج لے کر
روشنی خواہوں کے آنگن میں اتر جاتی ہے
وردی پوشوں کے تحفظ میں تھی لڑکی شب بھر
بارِ احسان اٹھائے ہوئے گھر جاتی ہے
اس نے انصاف کا معیار یہاں دیکھ لیا
حق کی آواز ابھرتی نہیں مر جاتی ہے
کون توڑے گا بھلا ایسے اندھیرے کا جمود
روشنی اٹھتی ہے رہ رہ کے ٹھٹھر جاتی ہے
سر فروشی کی تمنا ہی کسی دل میں نہیں
یہ بھی کیا جنگ ہے بے تیغ و سپر جاتی ہے
نئی تاریخ بھلا کیسے رقم ہو نشتر
قوم مایوس ہے بے ساختہ ڈر جاتی ہے
 

گر رہا تھا ٹوٹ کر اک آسماں کل رات کو
ہو رہی تھی خون کی بارش یہاں کل رات کو
آتشِ پر زور کی یلغار تھی چاروں طرف
اٹھ رہا تھا چپے چپے سے دھواں کل رات کو
آتشیں نعروں کی زد پہ شہر تھا سہما ہو ا
لرزہ بر اندام تھا ہر اک مکاں کل رات کو
اک ڈائن پھر رہی تھی منہ اٹھائے چار سو
’’مجھ سے ملنے آئی تھی عمرِ رواں کل رات کو‘‘
ناگہاں مجھ کو بھی آ گھیرا ہجومِ شور نے
میں نے بھی دیکھا ہے خود کو رائیگاں کل رات کو
زندگی کی گو د سے مجھ کو اٹھا کر لے گئی
بھاگتا بھی موت سے بچ کر کہاں کل رات کو

 
ہجر کی شاخ پہ ہنستے ہیں اگر در د کے پھول
ایک خوشبو سی فضاؤں میں بکھر جا تی ہے
کون ہے دھیان کے زینوں پہ یہ آہستہ قدم
جو کرن بن کے مرے دل میں اتر جاتی ہے
***

مہاجرین ہے ہجرت کی داد پاتے ہیں
کبھی مکاں تو کبھی نقد جاں لٹاتے ہیں
لہو لہان ہے خواب و خیال کے منظر
دیارِ غیر میں ا ب خاک و خوں اڑاتے ہیں
وہی زمیں ہے وہی آسماں وہی موسم
فقط لہو کے مناظر بدلتے جاتے ہیں
مجاہدوں سے یہ پوچھوں کدھر ہے رخ ان کا
وہ اپنی تیغ سے کس کا لہو بہاتے ہیں
ہماری نیند میں یہ کیسا خوف د ر آیا
ذرا سی آنکھ لگے اور چونک جاتے ہیں

ایک بوڑھے نے جواں سورج کو چلتا کر دیا
مٹھی بھر تھا آسماں سو وہ بھی میلا کر د یا
یوں فضا میں چار سو اس نے اڑایا ہے گلال
میری دیواروں پہ اپنا نقش گہرا کر دیا
اس کی خاموشی کا یہ کتنا بڑا اعجاز ہے
اچھے خاصے بولنے والوں کو گونگا کر دیا
چہرہ چہر ہ اب اسی کا روپ میں دیکھا کروں
اس ستم گر نے سبھی کو اپنے جیسا کر دیا
لے چلا تھا مجھ کو اپنے ساتھ راہِ شوق میں
انجمن اپنی سجالی مجھ کو تنہا کر دیا
چلچلاتی دھوپ کا یہ بھی بڑا احسان ہے
پھول ہاتھوں میں دیا میرے تو جھلسا کر دیا

پھر اک نئے سفر پہ چلا ہوں مکان سے
کوئی پکارتا ہے مجھے آسمان سے
آواز دے رہا ہے اکیلا خدا مجھے
میں اس کو سن رہا ہوں ہواؤں کے کان سے
وہ زد پہ آ گیا تھا نہتا بھی تھا مگر
میں نے ہی کوئی تیر نہ چھوڑا کمان سے
نشتر لبوں پہ کھیل رہی ہے وہی ہنسی
ہر چند ریت ریت ہو ا ہوں چٹان سے

 
نئی زندگی کی دعا چاہتا ہوں
پرانا مکاں ہوں گرا چاہتا ہوں
زمانے کو پر نو ر کرنا ہے لیکن
زمانے کے ہاتھوں بجھا چاہتا ہوں
غمِ عشق ہوں دل میں قائم رہوں گا
اندھیرے کو روشن کیا چاہتا ہوں
سبک ہو رہا ہوں ہوا کی طرح میں
پہاڑوں سے اونچا اٹھا چاہتا ہوں
کہاں شوقِ پرواز نے لا کے چھوڑا
زمیں کی طرف لوٹنا چاہتا ہوں
بصارت تو دی ہے بصیرت بھی دے دے
میں چہرہ نہیں آئینہ چاہتا ہوں
سنی بادِ مسموم کی لن ترانی
شگوفہ ہوں دم میں کھلا چا ہتا ہو ں
وہی زرد نعرے وہی سرخ شعلے
میں ہر سمت موسم ہرا چاہتا ہوں

گئے دنوں کا چراغ لیکر نئی شعاعیں جگا رہا ہوں
ہزار میں اجنبی ہوں لیکن نئی رفاقت بنا رہا ہوں
جو لوگ تم کو نہ یا د آئے جنہیں کبھی تم بھلا نہ پائے
اِ نہیں بھی اک شکل دے رہا ہوں انھیں بھی نظروں میں لا رہا ہوں
عجیب سود ا ہے کوہکنی کا ہوں اپنے تیشے سے آپ گھائل
ہر ایک پتھر بد ن پہ اپنے لہو کی رنگت چڑھا رہا ہوں
کہیں پہ دریا کنارے سولوں یہیں کی دو گز زمیں کا ہولوں
عجیب خوشبو بلا رہی ہے عجیب دنیا میں جا رہا ہوں

 

بارش کی پہلی بوند گری اور میں کھلا
شاخِ نہال درد اگی اور میں کھلا
اس نے کہا کہ مجھ کو بکھیرے گی وہ ضرور
چلتی ہوئی ہوا نہ رکی اور میں کھلا
تھے خشک پات پاؤں پڑے تو بلک اٹھے
کانوں میں چیخ گونج اٹھی ا ور میں کھلا
موسم تھا زر د اور ہو ا بے لباس تھی
اس کے لہو کی چھینٹ پڑی اور میں کھلا
نشتر میں سر سے پاؤں تلک تھا بجھا ہوا
اس کے بدن کی جوت جلی او ر میں کھلا

 

پھر شامِ گراں آئی خوابیدہ لہو جاگا
انفاس کے پردوں میں پوشیدہ لہو جاگا
وہ محو تھا اپنے میں تجھ کو کہا ں دیکھا تھا
جب دیکھ لیا تجھ کو سنجیدہ لہو جاگا
ہم سوئے تھے ساحل پر چھوتی تھی ہمیں موجیں
محسوس یہ ہو تا تھا ر قصیدہ لہو جاگا
پھر نور کی شہزادی سینے میں اتر آئی
پھر رات کے زنداں پر خندیدہ لہو جاگا
پھر درد اٹھا دل میں پھر خانۂ ویراں سے
دو نین کٹوروں میں لرزیدہ لہو جاگا
میں اپنی اداسی کا کیا نام رکھوں نشتر
اجڑی ہوئی آنکھوں میں نادیدہ لہو جاگا
 

کس نے میرا بت سرِ بازار لا کر رکھ دیا
میں حقیقت تھا مجھے قصہ بنا کر رکھ دیا
اس نے اپنے ہاتھ سے شاخِ صنوبر چھوڑ دی
اور میری جیب میں چاقو اٹھا کر ر کھ دیا
ہر طرف سہمی ہوئی سمٹی ہوئی ہے زندگی
بھیڑ نے ماحول کچھ ایسا بنا سکر رکھ دیا
زندگی بگڑی تو منہ پر دو طمانچے جڑ گئی
ہر خیال و خو اب کا نقشہ مٹا کر رکھ دیا
لیجئے اس نے بھی سیکھی طرزِ تنقیدِ حیات
بر سرِ محفل اٹھا نشتر لگا کر رکھ دیا

 

تجھ سے قریب ہو گیا تجھ میں سما گیا کہ یوں
خود سے کبھی نہ مل سکا خود سے جدا ہوا کہ یوں
کیسے مجھے مٹائے گا اس سے میر ا سوا ل تھا
انگلی سے لکھ کے میر ا نام اس نے مٹا دیا یوں
شاخوں میں سر کٹے ہوئے دیوار و در لہو بھرے
ملتی ہے مجھ کو خواب میں روز یہی سزا کہ یوں
آنکھیں گھروں میں چھوڑ کر نکلیں گے کیسے آدمی
اندھے کو ساتھ میں لئے چلتا ہے راستہ کہ یوں
طعنۂ کوہ کن مجھے اس نے فقط دیا ہی تھا
میں نے بھی دستِ شوق میں تیشہ اٹھا لیا کہ یوں
نہرِ فرات یہ شر ف تیرے نصیب میں نہ تھا
تشنہ مجاہدوں کے لب پانی نہ چھو سکا کہ یوں

 
زمین چھین لی اس نے اک آسماں دے کر
مجھے بھی کر دیا بے خانماں جہاں دے کر
پھر اس کی بعد زمیں بھی سمٹ گئی مجھ میں
وہ کتنی خوش تھی مجھے اپنی پستیاں دے کر
بھٹک رہا ہوں کہ لطفِ سفر بیا ن کروں
اکیلا ہو گیا یاروں کو کارواں دے کر
درخت اپنے مناظر سے ہو گیا محروم
ہوا کے ہاتھ میں سر سبز پتیاں دے کر
مجھے کہیں کا نہ رکھا مرے قبیلے نے
بہت ذلیل کیا چند ڈگریاں دے کر

٭ ٭ ٭

تشکر: دانش غنی
ان پیج سے تبدیلی، پروف ریڈنگ، ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

موسمِ ہجر جواں ہے