افسانے، ناول و کہانیاں

مونا گونسا لویس

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (13,616 الفاظ)

مونا گونسا لویس

ڈاکٹر سلیم خان

وہ دونوں ایئر انڈیا کی ممبئی نیویارک فلائیٹ میں محو پرواز تھے۔ آدھی رات کا وقت تھا۔ مونا کے ہاتھ میں ارونگ ویلس کا ناول ایئر پورٹ تھا اور منیر نیند کی آغوش میں گم تھا۔ اس بیچ جب منیر کی آنکھ کھلتی وہ بازو کے ہینڈل میں لگا سوئچ آف کر دیتا اور اس کے ساتھ ہی اندھیرا چھا جاتا۔ مونا ناول کا مطالعہ بند کر کے مسکراتے ہوئے منیر کو دیکھتی رہتی۔ جب اسے یقین ہو جاتا کہ منیر پھر گہری نیند میں ڈوب چکا ہے وہ بتی کا سوئچ آن کر دیتی اور ناول میں غرق ہو جاتی۔ بارہ گھنٹہ کی مسافت کے بعد جب وہ دونوں نیویارک پہنچے تو وہی وقت تھا جس وقت وہ چلے تھے۔ رات کے دس بج رہے تھے منیر کی نیند پوری ہو چکی تھی اب اس کی صبح ہوئی تھی لیکن باہر سارا جہاں سو رہا تھا۔ وہ سوچنے لگا رات کہاں گئی؟ وقت گویا کہ ٹھہر گیا تھا۔ گھڑی کے کانٹے رک گئے تھے۔ لیکن یہ معاملہ صرف منیر کے لیے تھا۔ مونا پوری رات ناول کو اس طرح پڑھتی رہی جیسے دن ہو۔ اس کا دن کافی طویل ہو گیا تھا۔ بارہ گھنٹے کے بجائے چوبیس گھنٹہ اس نے جاگتے ہوئے گذار دیئے تھے۔ اب اس پر نیند کا شدید غلبہ تھا وہ سونا چاہتی تھی اور منیر کی آنکھوں میں نیند کا شائبہ تک نہ تھا۔ جس طرح انسانی بھوک کی ایک حد ہوتی ہے اسی طرح نیند کی بھی ایک انتہا ہوتی ہے۔ انسان نہ بے انتہا جاگ سکتا ہے اور نہ بے انتہا سو سکتا ہے۔ انتہا پسندی دراصل فطرت انسانی کے خلاف ہے۔ اس لیے کہ اسے فطرتِ وسط پر پیدا کیا گیا ہے۔ ایئر پورٹ سے ہوٹل کے درمیان مونا کی آنکھیں جھپک گئیں لیکن منیر آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر نیویارک شہر کی روشنیوں کو اور رنگینیوں کو دیکھ رہا تھا۔ ان کی گاڑی ’’زیرولینڈ‘‘ کے قریب سے گذر رہی تھی۔ کتنا منفرد نام امریکیوں نے اس علاقے کو دے رکھا تھا۔ وہ وسیع و عریض میدان جہاں کسی زمانے میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے دو حسین و جمیل جڑواں ٹاور کھڑے ہوتے تھے بالکل منیر اور مونا کی طرح ایک دھماکے سے صفر میں تبدیل ہو گئے۔ وہ عمارتیں دراصل اکے پر اکے کی طرح تھیں جو ساری دنیا کو شہ دیتی تھیں مگر کبھی بھی مات نہ کھاتی تھیں۔ لیکن اب ایک بہت بڑے صفر (A big zero) میں تبدیل ہو چکی تھیں۔ ایک یادگار تھی جہاں پھول اس طرح سجائے ہوئے تھے جیسے کسی قبر پر سجائے جاتے ہیں۔ یہ دراصل امریکی استعمار کی قبر تھی جس کے اندر ایک سپر پاور کا کبر و غرور دفن تھا۔
گاڑی جب ہوٹل کے احاطے میں رکی تو منیر نے مونا کو جگایا اور وہ دونوں اپنے اپنے کمروں کی جانب روانہ ہو گئے۔ جدا ہوتے وقت مونا نے منیر کو اپنا پڑھا ہوا ناول یہ کہتے ہوئے تھما دیا کہ اب یہ تمہارے لیے ہے۔ میں تو اسے پڑھ چکی ہوں۔ منیر نے شکریہ کے ساتھ ناول لے تو لیا لیکن یہ عمل محض دل رکھنے کے لیے تھا۔ اس لیے کہ جس ضخیم ناول کو مونا نے رات بھر میں یا دن بھر میں ختم کیا تھا اس کے چند اوراق کا مطالعہ بھی منیر کے لیے ناممکن تھا۔ ویسے منیر اور مونا کے درمیان کوئی قدر مشترک نہیں تھی۔ مونا نہایت آزاد خیال مغربی تہذیب کی پروردہ خاتون تھی اس کے مزاج میں بلا کا نظم و ضبط تھا۔ اپنے کام کے تئیں وہ نہایت سنجیدہ تھی اور بے حساب محنت و مشقت اس کا شعار تھا اس کے مقابلے منیر ایک روایتی خاندان سے تعلق رکھتا تھا۔ مشرقی ماحول میں اس نے آنکھیں کھولیں اور اسی میں پلا بڑھا اسے اپنی تہذیب تمدن پر بڑا فخر تھا۔ وہ مذہبی اقدار کا پاسدار لیکن زندگی اور کام کے سلسلے میں نہایت بے نیاز طبیعت کا حامل تھا اس نے کبھی کسی کام کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ڈسپلن کا اس کی زندگی میں نام و نشان نہ تھا۔ نہایت با صلاحیت ہونے کے باوجود وہ محنت و مشقت سے جان چراتا تھا۔لیکن اس فرق کے باوجود وہ دونوں ایک دوسرے کا بے حد خیال کرتے تھے۔ کوئی ایسی حرکت، ایسا رویہ یا ایسے الفاظ استعمال نہ کرتے جو ایک دوسرے پر گراں گزرتے ہوں۔ ایک دوسرے کا بے حد خیال کرتے تھے۔ شاید ایسا اس لیے تھا مخالف قطب ایک دوسرے کے لیے کشش رکھتے اور مماثل ایک دوسرے کو دور کرتے ہیں یا کسی اور وجہ سے تھا وہ نہ جانتے تھے لیکن بہرحال ان کے درمیان انسیت کا ایک نامعلوم اور بے نام رشتہ قائم ہو گیا تھا جس کی کوئی عقلی توجیہہ موجود نہیں۔
کمرے میں آنے کے بعد منیر نے خود اپنے ہاتھ سے کافی تیار کی اور بادل ناخواستہ ناول کو کھولا لیکن چند ہی سطور کے بعد اس کی طبیعت اوب گئی وہ ہاتھ میں کافی کا گلاس لیے کھڑکی کے پاس کھڑا ہو گیا۔ دور لان میں اسے اوور کوٹ پہنے ہوئے دو سائے دکھائی دیئے۔ اسے لگا کہ وہ منیر اور مونا ہیں۔ وہ سوچنے لگا کہ اگر منیر لان میں ہے تو اس کمرے میں کون ہے اور مونا اس کے ساتھ ہے تو بغل والے کمرے میں کون سو رہا ہے۔ وہ کھڑکی سے واپس بستر پر آ گیا اور اسی وقت اس کی آنکھوں میں مونا سے ملاقات کا منظر گھوم گیا۔
گریجویشن کی تعلیم سے فارغ ہو کر منیر نے کچھ وقت ملازمت کی تلاش کی لیکن پھر اپنے والد کی کتابوں اور اسٹیشنری کی دوکان پر بیٹھنے لگا جب والد کو اعتماد ہو گیا کہ بیٹے نے کام سنبھال لیا ہے تو انہوں نے ریٹائرمنٹ لے لیا اور گھر و مسجد کے درمیان محصور ہو گئے۔ منیر کی دوکان یوں تو لب سڑک تھی لیکن یہ غریب اور متوسط درجے کے لوگوں کا علاقہ تھا۔ سڑک سے گزرنے والی کوئی بڑی گاڑی یہاں ٹھہرتی نہ تھی اس لیے جب ایک روز اس نے اپنی دوکان کے سامنے ایک غیر ملکی بڑی سی گاڑی کو رُکتے ہوئے دیکھا تو اسے تعجب ہوا۔ گاڑی سے ڈرائیور باہر نکلا۔ ا س نے سمجھا کہ شاید پتہ پوچھ رہا ہو گا لیکن اس علاقے میں ؟ اس کا گمان غلط نکلا۔ ڈرائیور سگریٹ کی دوکان پر رکا اور پھر وہاں سے دوسری سگریٹ کی دوکان کی جانب بڑھ گیا۔ شاید وہ جس برانڈ کو تلاش کر رہا تھا وہ اسے نہیں ملا تھا۔ اس بیچ کار سے ایک خاتون نمودار ہوئی اور سیدھے اس کی دوکان پر پہنچی۔ اس نے پہلے تو لکھنے والا پیڈ خریدا اور پھر طرح طرح کے قلم دیکھنے لگی۔ وہ اسے بیسیوں طرح کے قلم دکھلا چکا تھا لیکن ہر قلم کو دیکھنے کے بعد یا اس سے لکھنے کے بعد اسے reject کر دیتی اور نیا قلم مانگتی۔ منیر بے زار ہونے لگا تھا اتنے سارے قلم اس نے کسی ایک گاہک تو کیا سبھی گاہکوں کو بھی نہیں دکھلائے تھے۔ طویل عرصہ کے بعد اس خاتون نے ایک نہایت بھدّے قلم کا انتخاب کیا اور منیر سے اس کی قیمت دریافت کی۔ منیر تو پہلے ہی بے زار ہو چکا تھا اس نے پوچھا۔
’’آپ یہ قلم خریدیں گی؟ اتنے سارے اچھے اچھے قلم چھوڑ کر آپ نے اس کا انتخاب کیا مجھے تعجب ہے۔‘‘
’’کیوں تمہیں کیوں تعجب ہے؟ کیا خرابی ہے اس قلم میں ؟ اور اگر خراب ہے تو تم نے اسے اپنی دوکان میں بیچنے کے لیے رکھا کیوں ہے؟‘‘
منیر کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا۔ اس نے کہا۔ ’’نہیں میڈم ایسی بات نہیں دراصل آپ نے اتنے سارے قلم دیکھے تو میں نے سوچا کہ شاید آپ اپنے مزاج اور شخصیت کے مطابق قلم تلاش کر رہی ہیں لیکن یہ قلم نہ صرف آپ کے مزاج بلکہ شخصیت سے بھی کوئی مطابقت نہیں رکھتا۔‘‘
یہ سن کر مونا چونک پڑی۔ ’’اچھا۔ تمہیں کیسے پتہ چلا کہ میرا مزاج کیسا ہے؟ اور میری شخصیت کے بارے میں تم کیا جانتے ہو؟‘‘
’’ویسے تو میں کچھ زیادہ نہیں جانتا لیکن پھر بھی آپ نہایت خوش ذوق انسان ہیں اس بات کی گواہی میں دے سکتا ہوں اور اسی لیے میں یہ کہہ رہا تھا کہ یہ قلم کسی اچھے ذوق کو زیب نہیں دیتا۔‘‘
مونا نے کہا۔ ’’اچھا تو اب مجھے قلم اپنی پسند سے نہیں آپ کی پسند سے خریدنا پڑے گا۔‘‘
’’نہیں کوئی زبردستی نہیں۔ ‘‘منیر بولا۔ ’’لیکن میرے خیال میں اگر آپ اس کے بجائے یہ قلم خریدیں تو شاید یہ زیادہ مناسب ہے۔‘‘
مونا نے مسکرا کر پوچھا۔’’کیوں مہنگا ہے کیا؟‘‘
’’نہیں میڈم ایسی بات نہیں۔ آپ چاہیں تو بغیر قیمت کے لے جائیں۔ ‘‘
اس بیچ کار کا ہارن بجا مونا نے قلم کے بکس پر لکھی قیمت ادا کی اور رسید لے کر گاڑی کی جانب چل پڑی۔ گاڑی میں بیٹھے پٹیل صاحب بولے۔
’’کیا مونا اتنا وقت یہ اس ڈبیا کی دوسری سگریٹ ہے۔‘‘
’’معاف کیجئے سر ان چھوٹی موٹی دوکانوں میں کوئی اچھی چیز مشکل ہی سے ملتی ہے اسی لیے دیر لگ گئی۔‘‘
پٹیل صاحب مسکرائے اور انہوں نے کہا۔ ’’واقعی تم نے غلط دوکان کا انتخاب کیا۔‘‘
مونا نے کہا۔ ’’دوکان ضرور غلط تھی لیکن قلم صحیح ہے اور اس دوکان کے سامنے گاڑی آپ ہی نے روکی تھی۔‘‘ دونوں ہنسنے لگے۔
روہت پٹیل ویسے تو ہندوستانی تھے لیکن اب عرصہ دراز سے امریکہ میں رہتے رہتے امریکی ہو گئے تھے۔ آج سے پچیس سال قبل وہ اپنی آبائی اناج کی دوکان بند کر کے امریکہ روانہ ہوئے اور پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر کبھی نہ دیکھا۔ اپنے خاندان کو امریکہ میں بلا لینے کے بعد ان کی دلچسپی اپنے ملک سے ختم سی ہو گئی تھی۔ لیکن ابھی ’’بی پی او‘‘ کا کاروبار شروع کرنے کے بعد انہیں مجبوراً دوبارہ ہندوستان کا رُخ کرنا پڑا تھا۔ ’’بی پی او‘‘ دراصل ’’بزنس پروسیسنگ اوورسیز‘‘ کو کہتے ہیں۔ انٹر نیٹ اور ٹیلی فون کی آسانی کے باعث امریکی کمپنیوں نے اپنا بہت سارا کام ہندوستانی ٹھیکیداروں کے حوالے کر دیا ہے اب ان کاموں کے لیے وہ ہندوستانیوں کو امریکہ بلانے کے بجائے کام ہی ہندوستان بھیج دیتے ہیں اور ہندوستانی جو کام امریکہ میں جا کر کیا کرتے تھے وہ ہندوستان ہی میں بیٹھے بیٹھے کر دیتے اس سے امریکنوں کا خرچ بچتا ہے۔ ہندوستانیوں کی آمدنی بڑھتی ہے اور ساتھ ہی بے روزگاری میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔ یہ دراصل اتنا فائدہ بخش کاروبار ہے کہ کمپیوٹر کی دنیا میں اس کام کو کرنے والی ویپرو کا مالک ہندوستان کا سب سے امیر ترین شخص بن گیا ہے۔ جب ہندوستان میں بیٹھے عظیم پریم جی اور کرشنا مورتی نے اس کاروبار میں اپنے وارے نیارے کر لیے تو روہت پٹیل جیسے نیم امریکی کیسے خاموش رہتے۔ انہوں نے بھی اس کاروبار میں قدم رکھا۔ روہت پٹیل کے امریکی کمپنیوں سے اچھے تعلقات تھے اس کے لیے کام حاصل کرنا مشکل نہ تھا لیکن ہندوستان میں اس کام کو کروانا ایک مشکل کام تھا۔ اسی سلسلے میں فی الحال وہ ہندوستان آیا ہوا تھا۔ یہاں اسے ایک ایسے بھروسے مند شخص کی تلاش تھی جس کے حوالے وہ ہندوستان کا کام کاج کر کے واپس امریکہ جانا چاہتا تھا۔ اس کا منصوبہ یہ تھا کہ وہ وہاں کام حاصل کر کے یہاں روانہ کرے۔ کام یہاں پر ہوتا رہے اور اس کا کاروبار چلتا رہے۔ اپنے مقصد کے حصول کی خاطر اس نے اخبارات میں اشتہار دیا اور طویل انٹرویوز کے بعد موناگونسا لویس کو اپنی کمپنی کے چیف ایکزیکٹیو کے طور پر منتخب کیا گو کہ مونا کی عمر کم تھی۔ اس نے اپنی کم عمری ہی میں ویپرو جیسی کمپنی میں اپنی صلاحیت کا ڈنکا بجا دیا تھا۔ اب روہت اور مونا دفتر اور دیگر انتظامات میں مصروف تھے اسی سلسلے میں وہ ممبئی سے تربھے کی جانب جا رہے تھے کہ راستہ میں روہت کی سگریٹ ختم ہو گئی۔ ڈرائیور جب سگریٹ لانے کے لیے اترا تو مونا کو خیال آیا رائٹنگ پیڈ اور قلم دفتر میں ہیں اور چونکہ وہ دفتر میں جانے سے پہلے ہی روہت کے ساتھ چل پڑی ہے اس لیے اسے اپنے ساتھ لے نہ سکی۔ سامنے اسٹیشنری کی دوکان دیکھ کروہ قلم خریدنے کی غرض سے اتر گئی اور وہاں اس کی ملاقات منیر سے ہو گئی۔ مونا کافی پر وقار خاتون تھی کسی دوکاندار کی ابھی تک ایسی ہمت نہ ہوئی تھی کہ وہ اسے اپنی پسند کی کوئی شئے اس اعتماد کے ساتھ پکڑا دے۔منیر کے اس اعتماد اور صلاحیت نے اسے بے حد متاثر کیا تھا۔
اسٹیٹ ایجنٹ کے دفتر میں جب تفصیلات لکھنے کے لیے مونا نے اپنا قلم نکالا تو روہت نے کہا۔ ’’بھئی مونا تم نے قلم خریدنے میں وقت تو بہت صرف کیا لیکن یہ بات ماننا ہی پڑے گی کہ قلم بہت خوب خریدا۔‘‘
’’سر آپ کو بھی یہ پسند آیا۔‘‘
’’ہاں بھئی تمہارا حسن انتخاب ہی کچھ ایسا ہوتا ہے کہ سبھی کو پسند آتا ہے۔‘‘
’’شکریہ سر لیکن یہ میری پسند نہیں ہے۔‘‘
’’اچھا؟‘‘ روہت نے تعجب سے پوچھا۔
مونا نے فوراً پینترا بدلا۔ ’’سر یہ آپ کو پسند ہے تو آپ رکھیں۔ ‘‘
روہت نے کہا۔ ’’نہیں اس کی ضرورت نہیں۔ ‘‘
مونا نے اصرار کیا۔ ’’نہیں سر آپ اسے میری طرف سے تحفہ سمجھ کر قبول فرمائیں۔ ‘‘
روہت نے شکریہ ادا کیا اور قلم کو اپنے کوٹ کی جیب میں سجا لیا۔
روہت پٹیل امریکہ واپس جا چکا تھا۔ مونا نہایت مستعدی سے نئے کاروبار کی تیاری میں لگ گئی تھی۔ ہر چیز میں وہ خود دلچسپی لیتی۔ وہ کسی معاملہ میں مصالحت کی قائل نہ تھی۔چاہے سامان ہو یا افراد وہ بہترین کی قائل تھی۔ اس لیے کہ وہ جانتی تھی کہ یہ خدمت (Service) کی صنعت ہے یہاں بہترین خدمت کے لیے بہترین افراد اور بہترین وسائل کا ہونا ضروری ہے اور جو کوئی ان دونوں میں سے کسی بھی ایک معاملہ میں کمزور ہو گا وہ اپنا وجود باقی نہ رکھ سکے گا۔روہت پٹیل سے اس کا ہر روز ہی فون پر رابطہ ہوتا تھا وہ اسے وہاں بزنس پروموشن کی اطلاعات دیتا اور مونا سے یہاں کی تیاریوں کی تفصیلات حاصل کرتا۔ روہت پٹیل مطمئن تھا کہ اس نے اپنا کاروبار نہایت بھروسے کے قابل ہاتھوں میں دے رکھا ہے اور مونا بھی خوش تھی کہ اس کا باس نہایت کامیاب تاجر ہے یقیناً بہت جلد بڑے بڑے کانٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا اور پھر کمپنی کے ساتھ ساتھ وہ ترقی کی بلند منازل طے کرنے لگے گی۔ مونا مزاجاً بہت ہی زیادہ ambitions شخصیت کی حامل تھی وہ اپنی محنت اور جانفشانی سے بہت جلد کامیابی کی چوٹی سر کر لینا چاہتی تھی۔
آج روہت نے اسے بتلایا کہ اس نے اپنی کمپنی کے لیے پہلے کنٹراکٹ پر دستخط کر دیئے ہیں اور اس مبارک موقع پر اس نے مونا کے تحفہ میں دیئے ہوئے لکی قلم کا استعمال کیا۔
مونا نے روہت کو مبارکباد دی۔ روہت نے اس کا شکریہ ادا کیا۔ مبارک باد کے لیے اور قلم کے لیے بھی۔ قلم کے بار بار ذکر نے مونا کو منیر کی جانب متوجہ کر دیا۔ کام کی ریل پیل میں وہ منیر کو بھول ہی گئی تھی۔ لیکن آج پھر وہ ملاقات اس کی نظروں میں گھوم گئی۔ اسے پہلی بار اس قلم کے گنوانے کا دکھ ہوا اسے ایسا لگا جیسے اس نے کوئی قیمتی چیز کھو دی ہے۔اس نے محسوس کیا جیسے وہ اس قلم کے بغیر ادھوری ہے۔ وہ اس ادھیڑ بن میں گرفتار تھی کہ اس کا منیجر گریش اس کے کمرے میں داخل ہوا اس نے پوچھا۔ ’’میڈم آپ کچھ پریشان دکھائی دے رہی ہیں۔ کیا بات ہے؟ کیا میں کوئی مدد کر سکتا ہوں۔ ‘‘
’’نہیں گریش کیا بات کرتے ہو ابھی ابھی روہت کا نیویارک سے فون آیا تھا اس نے پہلا کنٹراکٹ حاصل کر لیا ہے جلد ہی اس کی تفصیلات ہمیں موصول ہو جائیں گی۔ آج تو ہمارے لیے عید کا دن ہے۔ اس دن کا ہم نہ جانے کب سے انتظار کر رہے تھے۔ کیک منگاؤ اور اپنے سارے اسٹاف کو یہ خوش خبری مٹھائی کے ساتھ سناؤ۔ آج جشن کا دن ہے۔ گریش ریڈی خوشی سے پاگل ہو گیا۔ اس نے باہر جا کر فوراً پہلے آرڈر کا اعلان کیا اور سب کو یہ بتلا دیا کہ آج دفتر میں پارٹی ہو گی۔
شام کو دھوم دھام سے پارٹی منائی گئی ہر کوئی خوش تھا۔ وہ لوگ جانتے تھے کہ سن ٹکنالوجی کا سورج آج طلوع ہوا اور یہ نئی صبح ان سب کو خوش حالی کی روشنی سے مالا مال کر دے گی ہر کوئی ایک دوسرے کو مبارک باد دے رہا تھا لیکن مونا کی حیثیت بالکل مالک کی سی تھی۔سینئر اسٹاف نے مونا کی خدمت میں نیک تمناؤں کے ساتھ پھولوں کے گلدستے اور مختلف تحائف پیش کیے۔ مونا نے بھی تمام اسٹاف کے لیے بونس کا اعلان کر کے سبھی کو خوش کر دیا۔ لیکن ان تمام ہنگاموں کے باوجود مونا اپنے اندر کا خلاء پر نہ کر سکی اور پارٹی سے واپسی میں اس نے ڈرائیور سے گاڑی ایک بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹور لے جانے کے لیے کہا۔ وہاں اتر کر وہ سیدھے اسٹیشنری سلیکشن میں جا پہنچی اور وہ قلم تلاش کرنے لگی جسے اس نے روہت کو دے دیا تھا۔ وہ بالکل ویسا ہی قلم خریدنا چاہتی تھی اور بدقسمتی سے بیسیوں قلم دیکھنے کے باوجود بھی اسے ویسا قلم نہ مل سکا۔ اس کا موڈ خراب ہو گیا۔ اس قلم کے باعث آج کی خوشیوں پر گہن لگ گیا تھا۔ انسان بھی کیسی عجیب مخلوق ہے اس آرڈر کا وہ لوگ نہ جانے کب سے انتظار کر رہے تھے لیکن آج جب وہ مل گیا تو اس کی اہمیت و وقعت ختم ہو گئی اور اس بیش قیمت آرڈر سے زیادہ اہمیت اس معمولی سے قلم کو حاصل ہو گئی جس کے ملنے نہ ملنے سے کوئی فرق پڑنے والا نہ تھا۔ لیکن یہ ایک مادی لیکھا جوکھا ہے انسان صرف مادی وجود نہیں ہے اس کا اپنا جذباتی وجود بھی ہے جو مادی وجود سے زیادہ قوی ہے حالانکہ نظر نہیں آتا۔ انسان کی خوشیاں اور غم بھی نظر نہ آنے والی چیزیں ہیں لیکن ان کے بغیر انسان ادھورا ہے اس کے اپنے خواب ہوتے ہیں اس کی اپنی خلش ہوتی ہے اس کا اپنا خمار ہوتا ہے۔
جب مونا قلم کی دوکان سے خالی ہاتھ لوٹ رہی تھی تو سیلز بوائے نے اپنے ساتھی سے کہا۔
’’پاگل ہے۔‘‘
مونا رُکی اور پھر یہ سوچ کر آگے بڑھ گئی کہ شاید اس نے سچ کہا۔ فی الحال ایک پاگل پن ہی تو تھا جو اس پر سوار تھا۔ قلم سے محرومی کے قلق میں اضافہ ہو چکا تھا۔ وہ ہر قیمت پر اسے حاصل کرنا چاہتی تھی اسے منیر کی دوکان یاد نہیں تھی لیکن پھر بھی وہ اسے تلاش کرنا چاہتی تھی۔ مونا نے ڈرائیور کو اسی روڈ پر گاڑی لے چلنے کا حکم دیا جس پر قلم خریدا گیا تھا لیکن دن اور رات کے ماحول میں خاصہ فرق ہوتا ہے اور پھر وہ صرف ایک بار وہاں آئی تھی۔ سارے راستہ میں اس کی سمجھ میں کچھ نہ آیا۔ دوکانوں کے بند ہونے کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا تھا کہ اچانک اسے خیال آیا کہ اس کے پاس دوکان کی رسید ہے اوراس پر فون نمبر ضرور ہو گا۔ مونا نے ڈرائیور سے دفتر چلنے کے لیے کہا۔ ڈرائیور نے تعجب سے پوچھا۔
’’اس وقت؟‘‘
’’جی ہاں اسی وقت۔‘‘ مونا نے غصہ سے کہا۔
ڈرائیور گھبرا گیا وہ گاڑی لے کر دفتر پہنچ گیا۔ مونا نے چابیوں کا گچھا اسے تھمایا اور دفتر کھولنے کے لیے کہا۔ اپنے کمرے میں پہنچ کر اس نے اس رسید کی تلاش کرنا شروع کیا۔ تھوڑی سی محنت سے وہ اسے مل گئی۔ اس پر حسب امید ٹیلی فون نمبر لکھا ہوا تھا۔ مونا نے فوراً نمبر گھمایا۔ فون کی گھنٹی بجنے لگی لیکن بجتی ہی رہی کوئی اٹھانے والا نہ تھا۔ مونا کو خیال آیا دوکانیں بند ہو رہی تھیں۔ شاید وہ دوکان بھی بند ہو چکی ہو۔ اس نے اگلے دن کے کاموں کی فہرست میں سب سے اوپر اس دوکان کا نمبر لکھا اور واپس آ کر گاڑی میں بیٹھ گئی۔
’’گھر چلو۔‘‘
ڈرائیور کی جان میں جان آئی ورنہ اسے ڈر تھا کہ جس طرح شام سے یہ میڈم ادھر ادھر گھما رہی ہیں کہیں یہ سلسلہ پھر دراز نہ ہو جائے۔
دوسرے دن دفتر میں آنے کے بعد مونا نے وہ نمبر آپریٹر کو دیا اور فوراً نمبر ملانے کے لیے کہا۔ سامنے سے جواب ملا۔’’پاپولر اسٹیشنری۔‘‘ آپریٹر نے کہا۔ ’’ہولڈ آن۔‘‘
منیر کو تعجب ہوا یہ صبح صبح کس کا فون ہے تھوڑی دیر بعد ایک دوسری خاتون گویا ہوئیں۔
’’میں مونا بول رہی ہوں۔ ‘‘
’’کون مونا؟‘‘ منیر نے پوچھا۔
’’مونا، مونا گونسالویس۔‘‘
’’مونا گونسالویس۔ کون مونا گونسالویس؟ میں کسی مونا کو نہیں جانتا۔ آپ کو کون چاہئے؟‘‘
’’مجھے کون چاہئے؟‘‘ اس سوال کو دہرا کر مونا ایک لمحہ کے لیے خاموش ہو گئی۔ پھر اس نے کہا۔ ’’دیکھئے جناب چند ہفتوں قبل میں نے آپ کی دوکان سے ایک قلم خریدا تھا۔‘‘
’’کون سا قلم خریدا تھا آپ نے؟‘‘ منیر نے سوال کیا۔
’’وہ دراصل نیلے رنگ کا قلم تھا نہیں بلکہ آسمانی رنگ کا قلم تھا۔
منیر نے دماغ پر زور ڈالا تو اسے فوراً بڑی سی گاڑی یاد آ گئی اس نے کہا۔’’اوہو تو آپ ایک بڑی سی ہونڈا اکارڈ میں ہماری دوکان میں تشریف لائی تھیں۔ مجھے یاد آیا ہاں فرمائیے میں آپ کی کیا خدمت کر سکتا ہوں۔ ‘‘
’’دراصل مجھے وہ قلم دوبارہ چاہئے۔‘‘
’’میڈم وہ قلم تو آپ کو نہیں مل سکتا۔‘‘
’’کیوں ؟‘‘ مونا نے پوچھا۔
’’اس لیے کہ وہ تو آپ ایک بار خرید چکی ہیں اور جب تک وہ قلم کسی صورت میرے پاس واپس نہ آ جائے میں اسے آپ کو بیچ نہیں سکتا۔‘‘
’’اوہو۔‘‘ مونا نے کہا۔’’آپ تو بات کا بتنگڑ بنا رہے ہیں میرا مطلب ہے وہ قلم نہیں بلکہ ویسا ہی دوسرا قلم۔‘‘
’’ہو بہو ویسا۔‘‘ منیر نے پوچھا۔
’’ہاں بالکل ویسے کا ویسا قلم مجھے چاہئے۔‘‘
’’اچھا تو وہ آپ کو اس قدر پسند ہے۔‘‘
’’جی ہاں وہ مجھے بے حد پسند ہے۔‘‘
’’ٹھیک ہے میں دیکھتا ہوں۔ اگر ویسا قلم موجود ہو گا تو میں آپ کو ضرور دے دوں گا لیکن اگر نہ ہوا تو؟‘‘
اس سوال کے جواب میں مونا رک گئی اور کچھ دیر ٹھہر کر کہا۔’’اگر نہیں ہوا تو آپ میری شخصیت اور مزاج سے واقف ہیں ہی جو بھی مطابقت رکھنے والا قلم ہو گا لے آئیے گا۔‘‘
’’لے آئیے گا۔‘‘ اس فقرہ کو منیر نے دوہرایا۔ ’’میڈم لے کر آنا پڑے گا؟‘‘
’’ہاں کیوں ؟ آپ لوگ سامان پہنچاتے نہیں ہیں ؟‘‘مونا کا سوال تھا۔
’’ویسے تو نہیں پہنچاتے اس لیے کہ اس کی نوبت ہی کبھی نہیں آئی لیکن پھر بھی آ پ کے لیے پہنچا دیں گے۔ لیکن کہاں پہنچانا پڑے گا؟‘‘
مونا نے اسے اپنے دفتر کا پتہ لکھوا دیا اور فون بند ہو گیا۔
منیر نے سوچا یہ تو چار آنے کی مرغی اور بارہ آنے کا مصالحہ والی بات ہو گئی۔ پچیس روپئے کا پین اور آنے جانے کا خرچ پچاس روپئے۔ اس پر سے جو وقت صرف ہو گا وہ علیٰحدہ۔ اب اگر یہ سب کرنے کے بعد میڈم نے پچیس روپئے پکڑا دیئے یا یہ کہہ دیا کہ قلم مجھے پسند نہیں ہے تب تو بڑا نقصان ہو گا۔ خیر اس نے ویسا قلم تلاش کیا۔ حسب امید موجود نہیں تھا اس کے بعد اس سے ملتا جلتا قلم اس نے منتخب کر لیا۔ دوپہر کے بعد گاہک کم ہوتے تھے اس لیے شام سے پہلے قلم پہنچا کر واپس آنے کے ارادے سے وہ نکل پڑا۔ مگر راستے میں اسے خیال آیا اتنی دور قلم پہنچانے جا رہا ہے اور پھر ایسی خراب پیکنگ میں۔ وہ اپنی دوکان میں واپس آیا اسے گفٹ پیپر میں پیک کیا اس پر نیک تمناؤں کا کارڈ لگایا اور پھر نکل پڑا۔
سن ٹکنالوجی کا دفتر آسانی سے مل گیا۔ اوپر پہنچنے کے بعد اس نے پوچھا۔
’’مونا گونسالویس یہاں ہوتی ہیں ؟‘‘
استقبالیہ پر بیٹھی خاتون سٹپٹائی۔ ’’کیا مطلب؟ میڈم تو ہماری کمپنی کی چیف ایکزیکٹیو آفیسر ہیں۔ ‘‘
منیر نے کہا۔ ’’میں میڈم کے بارے میں نہیں مونا کے بارے میں پوچھ رہا ہوں۔ ‘‘
وہی تو … مونا میڈم بولو۔ کیا کام ہے ان سے کہو۔‘‘
’’میں پاپولر اسٹیشنری سے آیا ہوں میرا نام منیر ہے۔‘‘
اس خاتون نے فون لگایا جو مصروف تھا اس نے منیر سے کہا۔ ’’انتظار کیجئے۔‘‘
منیر نے دفتر پر اچٹتی ہوئی نگاہ ڈالی۔ یہ شاید دفتر تھا سامنے ایک بڑے پلے کارڈ پر لکھا تھا ’’ہم سب میڈم کو پہلے آرڈر کی مبارک باد دیتے ہیں۔ ‘‘ منیر نے دلچسپی سے اسے پڑھا۔ لیکن اس کی سمجھ میں کچھ نہ آیا کہ یہاں کام کیا ہوتا ہے۔ تھوڑی دیر بعد جب استقبالیہ پر بیٹھی خاتون نے اسے مونا کے کمرے کی جانب بھیجا تو منیر نے اپنا ذہن بنا لیا تھا کہ وہ اس قلم کی قیمت اور آنے جانے کا کرایہ نہیں وصول کرے گا۔
مونا کے کمرے میں داخل ہونے کے بعد منیر نے مونا کو نئے آرڈر کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کے ساتھ قلم تحفہ کے طور پر اس کی خدمت میں پیش کر دیا۔
مونا منیر کے اس رویہ سے بے حد خوش ہوئی۔ اس نے پوچھا۔
’’تمہیں اس نئے آرڈر کے بارے میں کیسے پتہ چل گیا؟‘‘
اب مونا کے سامنے ایک نئی مشکل کھڑی ہو گئی تھی اسے ایسا لگا کہ اگر وہ اس تحفہ کی قیمت پوچھے گی تو یہ بات منیر پر گراں گزرے گی لیکن پھر وہ کیا کرے ؟ کیسے اس کی قیمت ادا کرے۔ اس کی سمجھ میں نہیں آ رہا تھا۔ مونا نے پوچھا۔
’’یہاں پہنچنے میں آپ کو زحمت تو نہیں ہوئی؟‘‘
منیر نے جواب دیا۔’’کوئی خاص نہیں ٹرین چونکہ دیر سے چل رہی تھی اس لیے بھیڑ ذرا سی زیادہ تھی لیکن بس فوراً مل گئی اور پتہ تو نہایت ہی آسانی سے بغیر کسی سے پوچھے مل گیا۔‘‘
مونا کو احساس ہوا کہ ایک معمولی سے قلم کی خاطر اس نے منیر کو کس قدر پریشانیوں کا شکار کر دیا تھا۔ اس نے کہا۔
’’میں آپ کو زحمت دینے کے لیے معذرت چاہتی ہوں دراصل مجھے گاڑی بھجوا دینی چاہئے تھی۔‘‘
منیر نے کہا۔’’کیا؟‘‘
’’نہیں میرا مطلب ہے آپ ٹرین اور بس کی زحمت سے بچ جاتے۔‘‘
’’کوئی بات نہیں۔ ‘‘منیر نے جواب دیا۔
’’اچھا تو آپ کیا پئیں گے؟ چائے یا ٹھنڈا؟‘‘
منیر نے کہا۔ ’’چائے ٹھیک ہے۔‘‘
مونا نے فون اٹھا کر چائے کا حکم دیا وار قلم کا ریپر کھولتے ہوئے کہا۔’’آپ کے ذوقِ لطیف کی داد دینی پڑے گی آپ نے بڑے اہتمام سے اس تحفہ کو پیک کیا۔‘‘
’’ہم دوسروں کے تحفہ بھی اہتمام سے پیک کرتے ہیں یہ تو ہمارا اپنا تحفہ ہے۔‘‘ منیر نے کہا۔
چائے آنے تک قلم کا ڈبہ کھل چکا تھا اور اس میں سے ایک کے بجائے دو قلم برآمد ہوئے۔ مونا نے تعجب سے پوچھا۔
’’یہ کیا یہ دو قلم آپ کیوں لے آئے؟ میں نے تو صرف ایک کے لیے کہا تھا۔‘‘
منیر نے جواب دیا۔ ’’میڈم بات دراصل یہ ہے ہو بہو ویسا قلم تو موجود نہیں تھا اس لیے میں نے ایک کا انتخاب کیا پھر سوچا کہ شاید آپ کو پسند نہ آئے تو پھر دوسرا منتخب کر لیا کہ شاید یہ پسند آ جائے۔‘‘
مونا نے ناراضگی سے کہا۔ ’’یہ تو آپ نے ٹھیک نہیں سوچا کہ شاید پسند نہ آئے۔خیر آپ کا پہلا انتخاب کون سا ہے؟‘‘ منیر نے ایک کی جانب اشارہ کیا۔
مونا نے کہا۔’’یہی میری پسند ہے اور یہ دوسرا قلم میری جانب سے تمہارے لیے تحفہ ہے۔‘‘
منیر کو اس طرح کے رویہ کی توقع نہیں تھی۔ وہ نہایت خوش تھا اور آہستہ آہستہ چائے کی چسکیاں لے رہا تھا کہ اس کے ذہن میں یہ سوال اُبھرا کہ آخر یہاں ہوتا کیا ہے؟ اس نے پوچھا۔
’’میڈم برا نہ مانیں تو ایک بات پوچھوں ؟‘‘
مونا نے کہا۔ ’’پوچھو پوچھو ضرور پوچھو۔‘‘
منیر بولا۔’’آخر اس شاندار دفتر میں کام کیا ہوتا ہے؟آپ لوگ کیا بیچتے ہیں ؟‘‘
مونا کے لیے کیا بیچتے ہیں والی بات کچھ عجیب سی تھی اس نے جواب دیا۔ ’’ہم لو گ اپنی خدمات بیچتے ہیں۔ ‘‘
’’خدمات بھی بکتی ہیں ؟ کسے بیچتے ہیں آپ لوگ اپنی خدمات؟‘‘ منیر کا دوسرا سوال تھا۔
’’ہم امریکی کمپنیوں کو خدمات بیچتے ہیں۔ ‘‘
’’امریکی کمپنیوں کو؟‘‘ منیر نے تعجب سے پوچھا۔’’یہاں بیٹھے بیٹھے آپ امریکی کمپنیوں کی خدمت کرتے ہیں یہ طلسماتی دنیا کی بات ہے۔‘‘
’’نہیں منیر یہ طلسماتی دنیا کی بات تھی لیکن اب یہ حقیقت بن گئی ہے۔ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ نے یہ سب ممکن بنا دیا ہے۔‘‘
منیر نے کہا۔ ’’آپ کہہ رہی ہیں تو یہ بات صحیح ہو گی لیکن مجھے یقین نہیں آتا۔‘‘
’’کیوں نہیں آتا؟‘‘ مونا نے پوچھا۔ ’’اچھا یہ بتلاؤ کہ تم اپنی دوکان پر مال کیسے منگواتے ہو؟‘‘
منیر نے کہا۔ ’’یہ تو بہت آسان ہے میں ہول سیلر کو فون کر دیتا ہوں یا کارخانے کے دفتر میں اپنا آرڈر لکھوا دیتا ہوں۔ ‘‘
’’وہ دفتر کہاں ہوتا ہے؟‘‘
’’ممبئی میں۔ ‘‘
’’اور کارخانہ کہاں ہوتا ہے؟‘‘
’’گجرات میں۔ ‘‘
’’وہ دفتر والے کیا کرتے ہیں ؟‘‘
’’وہ آرڈر کارخانے والے کو بتلا دیتے ہیں اور مال ٹرانسپورٹ کے ذریعہ آ جاتا ہے۔ اس کے بعد بل روانہ کر دیتے ہیں۔ میں رقم ادا کر دیتا ہوں اور کام ختم۔‘‘
’’ہاں اب اگر وہ کارخانے کا دفتر ممبئی کے بجائے امریکہ میں ہو تو تمہیں کوئی فرق پڑے گا؟‘‘
’’امریکہ میں ؟‘‘ منیر نے ہنس کر کہا۔ ’’کیا بات کرتی ہیں آپ؟ ‘‘
’’نہیں مجھے سنجیدگی سے جواب دو۔ تمہارا فون ممبئی کے بجائے امریکہ چلا جائے اور امریکہ سے فون کارخانے آ جائے تو تمہیں کوئی فرق پڑے گا؟‘‘
’’نہیں لیکن مجھے امریکہ فون کرنا مہنگا پڑے گا۔‘‘
مونا نے پوچھا۔’’اگر فون مفت ہو۔‘‘
منیر نے کہا۔ ’’تب تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘‘
’’تمہارا کام ہو جائے گا۔‘‘
’’ہو جائے گا۔‘‘
’’بس یہی ہم کرتے ہیں ای میل آپ اس دفتر سے پڑوس کے دفتر میں کرو یا امریکہ کرو۔ اتنی ہی تیزی سے جاتا ہے اور اتنا ہی سستا ہوتا ہے۔ اب اگر کسی کمپنی کا ہیڈ کوارٹر دہلی میں ہو یا امریکہ میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اسی طرح نیویارک میں ہو یا ممبئی میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ہم یہاں بیٹھے بیٹھے ان کمپنیوں کے دفتری کام کرتے ہیں اور پورا کر کے ای میل سے بھیج دیتے ہیں۔ منٹوں کے اندر پیغام آتا ہے اور جاتا ہے۔‘‘
’’لیکن اس میں ان کا کیا فائدہ ہے؟‘‘
’’بہت بڑا فائدہ ہے انہیں اپنے دفتر میں کسی ملازم کو جو تنخواہ دینی پڑتی ہے اس سے کہیں زیادہ کم قیمت پر یہاں ایک آدمی ان کا کام کر دیتا ہے اور دفتر بنانے اور اس کی دیکھ ریکھ کا خرچ بھی بچ جاتا ہے۔ ان کا آدمی کو ہندوستان سے بلانا، ٹھہرانا، دنیا بھر کی سہولتیں دینا، چھٹیوں پر روانہ کرنا یہ سب کام کاج بچ جاتا ہے۔ اسے کہتے ہیں بی پی او کا کاروبار جو ہم یہاں اس دفتر میں بیٹھے بیٹھے کر رہے ہیں اس میں ہمارا بھی فائدہ اور ان کا بھی۔‘‘
’’خیر آپ کی بات تو صحیح ہے ہماری عوام کا فائدہ ہے، وہاں کے سرمایہ دار کا فائدہ ہے لیکن وہاں کی عوام کا تو نقصان ہی ہے۔‘‘
مونا نے کہا۔ ’’تم سوچتے بہت ہو۔ خیر تم یہ بتلاؤ کہ تمہیں اس کاروبار میں دلچسپی ہے۔ اگر ہے تو مجھے بتلانا میں ضروری ٹریننگ کے بعد تمہیں اپنے کام میں بھرتی کر لوں گی۔‘‘
’’اچھا۔ لیکن تنخواہ؟‘‘
’’یہ کچھ دس ہزار بارہ ہزار کے آس پاس۔‘‘
دس بارہ ہزار کا نام سن کر منیر کی باچھیں کھل گئیں۔ اس نے کہا۔ ’’میڈم آپ واقعی کہہ رہی ہیں یا میرا مذاق اُڑا رہی ہیں۔ ‘‘
’’میں مذاق نہیں کر رہی تم یہ نہ بھولو کہ تم امریکہ میں کام کرو گے اور ہندوستان کے دس ہزار۔ وہاں کے صرف دوسو ڈالر ہیں۔ ‘‘
منیر نے کہا۔ ’’جی ہاں یہ تو بہت کم ہے۔‘‘
مونا نے جواب دیا۔ ’’کم تو ہے لیکن اُن کے لیے ہمارے لیے تو ٹھیک ہی ہے۔ان دس ہزار روپیوں میں آٹھ ہزار محنت کش کے ہیں اور دو ہزار ہمارے ہیں۔ ‘‘
’’یہ تو اچھا ہے آپ لوگ ہر آدمی پر دو ہزار ماہانہ کماتے ہیں اس طرح سو آدمی ہوں تو ۲ لاکھ روپیہ ماہانہ، یہ تو بہت بڑی آمدنی ہے۔‘‘
’’سو تو ہے اور پھر خرچ بھی تو ہے۔ یہ دفتر یہ لوازمات اور پھر ان لوگوں کا خرچ جو باہر کے کام نہیں کرتے۔‘‘
’’مطلب جو باہر والوں کی نہیں بلکہ اندر والوں کی خدمت کرتے ہیں۔ ‘‘منیر نے مسکرا کر کہا۔ مونا نے اثبات میں جواب دیا۔ فون کی گھنٹی بجی مونا کسی سے گفتگو میں مصروف ہو گئی منیر نے اشارے سے اجازت طلب کی اور دفتر سے نکل گیا۔
راستے بھر وہ سوچتا رہا۔ کیا کرے یہ ملازمت اختیار کر لے یا دوکان ہی پر لگا رہے۔ عجیب کاروبار تھا دور دراز کسی اَن دیکھے آقا کی خدمت بجا لینا لیکن ٹھیک ہی تو ہے آقا جتنی دور ہو اس کی جانب سے آنے والی پریشانی اسی قدر کم ہوتی ہے۔ لیکن پھر یہاں اس کے غلام بھی تو ہیں جو پریشان نہیں کرتے نکال باہر کرتے ہیں پھراس پیشہ میں استقلال کہاں ؟ آج اس کمپنی کے پاس کنٹراکٹ ہے کل دوسری کے پاس۔ کنٹراکٹر بدل گیا تو اسٹاف بھی بدلتا ہے لیکن پھر بھی جس کسی کے پاس کام ہو کام کرنے والے کی ضرورت اسے ہو گی ہی۔ آقا اگر غلاموں کو بدلنے کے لیے آزاد ہیں تو غلام بھی آقاؤں کو بدلنے کا اختیار رکھتا ہے۔
اسی ادھیڑ بن میں وہ اپنے علاقے میں پہنچ گیا دوکان پر اس کا دوست عارف بیٹھا اس سے ناراض ہو رہا تھا۔
’’کمال کے آدمی ہو دو گھنٹہ کے لیے گئے اور چار گھنٹہ بعد لوٹے۔ میں تو یہاں بیٹھا بیٹھا بور ہو گیا۔‘‘
’’کیا بس چار گھنٹہ میں بور ہو گئے۔ میں تمہیں مستقل یہیں بٹھانا چاہتا تھا۔‘‘
عارف نے پوچھا۔’’تمہارا دماغ تو خراب نہیں ہو گیا؟‘‘
منیر نے جواب دیا۔’’نہیں۔ میں تم سے ایک سوال کرتا ہوں یہ بتاؤ کہ تم نے گریجویشن کی تعلیم کب ختم کی تھی؟‘‘
’’تمہارے ساتھ ہی تو ختم کی تھی۔‘‘
’’یہ میں نے نہیں پوچھا کہ کس کے ساتھ ختم کی تھی۔میرا سوال ہے کب ختم کی تھی؟‘‘
’’یہی آج سے تقریباً تین سال قبل۔ ‘‘
’’اور تب سے اب تک کیا کر رہے ہو؟‘‘
’’ملازمت کی تلاش کر رہا ہوں۔ ‘‘
’’اور کب تک تلاش کرتے رہو گے؟‘‘
’’میں نہیں جانتا۔‘‘
’’تو پھر سنو اس طرح نوکری کی تلاش میں دربدر بھٹکنے کے بجائے اس دُکان پر بیٹھ جاؤ۔ کاروبار کرو اور مجھے کرایہ دیتے رہنا۔‘‘
’’اور تم کیا کرو گے؟‘‘
’’میں ملازمت کروں گا۔‘‘
’’اچھا تو تم مجھے جس بات سے منع کرتے ہو وہی تم خود کرو گے؟‘‘عارف نے سوال کیا۔
’’نہیں۔ ‘‘منیر بولا۔’’میں نے تمہیں ملازمت کی تلاش سے منع کیا اور میں ملازمت تلاش نہیں کروں گا بلکہ ملازمت کروں گا ان دونوں میں کس قدر فرق ہے یہ مجھ سے زیادہ تم خود جانتے ہو۔‘‘
’’اچھا تو تمہیں ملازمت مل گئی ہے؟‘‘ عارف نے پوچھا۔
’’ہاں مجھے مل گئی ہے اور جب تمہیں مل جائے گی تم بھی اس دُکان کو چھوڑ کر اسے پکڑ لینا۔‘‘
معاملہ طے ہو گیا۔ اگلے روز سے پاپولر بک ہاؤس کو عارف چلا رہا تھا اور منیر اسے کاروبار کے گُر سکھا رہا تھا۔
سن ٹکنالوجی ایک ابھرتی ہوئی کمپنی تھی اور اس میں بہت زیادہ کام تھا۔منیر اس میں لگا تو کچھ ایسا لگا کہ پھر ادھر ادھر نہیں دیکھا۔ صبح سے شام کب ہوتی پتہ نہ چلتا۔ لوگ ایک ایک کر کے نکل جاتے اور پھر دفتر میں صرف منیر اور مونا رہ جاتے۔ شام ڈھلے یہ لوگ اگلے دن کے کام کاج کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے نکلتے۔ مونا اسے قریب کے بس اسٹینڈ پر چھوڑ کر اپنے گھر چلی جاتی اور منیر تھکا ماندہ گھر آ جاتا۔ منیر کی صلاحیتوں سے زیادہ مونا کو اس کی صاف گوئی نے متاثر کیا تھا۔ دفتر میں دو طرح کے لوگ تھے کچھ چاپلوس قسم کے تھے جنہیں ہاں جی ہاں جی کرنے سے فرصت نہیں ہوتی اور دوسرے سازشی قسم کے لوگ جنھیں اپنے کام کے علاوہ ہر چیز میں دلچسپی ہوتی اور کب کس کی ٹانگ کھینچی جائے اس فکر میں وہ لگے رہتے لیکن منیر ان دونوں سے الگ قسم کا آدمی تھا۔ اس کو اپنے کام کے علاوہ کسی بات میں دلچسپی نہ ہوتی تھی۔ کون کیا کر رہا ہے ؟کیوں کر رہا ہے؟ اس کے کیا کرنے سے کیا ہو گا؟ کیا نہ ہو گا؟ یہ سب سوال اس کے لیے بے معنی تھے۔ وہ کیا کر رہا ہے کیوں کر رہا ہے کیا کرنے سے کیا ہو گا اور نہ کرنے کیا ہو گا یہ اس کی دلچسپی کے موضوعات تھے اور جی حضوری اس کے قریب سے بھی نہ گذری تھی۔ جو چیز اسے بے سود یا غلط معلوم ہوتی وہ برملا اس کا اظہار کر دیتا۔ مونا نہایت سخت گیر خاتون تھی۔ اس سے اختلاف کی جرأت بہت کم لوگ کرتے تھے لیکن منیر کے لیے یہ کوئی مشکل کام نہ تھا وہ نہایت شائستگی سے اختلاف کرتا اور اپنی بات پر قائم رہتا۔ اسی وجہ سے مونا اس سے بہت خوش تھی۔
جس طرح کام کی کمی وقت کو بوجھل بنا دیتی ہے اسی طرح کام کا بوجھ وقت کو ہلکا کر دیتا ہے۔ منیر کو سن ٹکنالوجی میں ملازمت اختیار کئے ہوئے دوسال کا وقفہ گذر چکا تھا لیکن ایسالگتا تھا گویا یہ ابھی کل کی بات ہو۔ روہت پٹیل امریکہ میں بہت خوش تھا۔ اس دوران اس کے گاہک خود اس کے مشتہر بن گئے تھے اور پہلے چند کنٹراکٹ حاصل کرنے کے بعد انہیں کی مدد سے وہ نئے نئے کام حاصل کیے جا رہا تھا۔ سن ٹکنالوجی کے کاروبار میں تیزی سے اضافہ ہو رہا تھا لیکن اب اسے کسی بہت بڑے کنٹراکٹ کی تلاش تھی جس کی مدد سے وہ چھوٹے تالاب کی بڑی مچھلی سے بڑے تالاب کی چھوٹی مچھلی بن جانا چاہتا تھا اور یہ بات بڑے تالاب کی بڑی مچھلی بننے کے لیے ضروری تھی اس لیے کہ آج کی چھوٹی مچھلی ہی کل کی بڑی مچھلی بن جاتی ہے۔روہت پٹیل نے اس کنٹراکٹ کے آخری مراحل میں پیش کش کے لیے مونا کو امریکہ آنے کے لیے کہا۔ حالانکہ ہندوستان کے کاموں سے وقت نکال کر اس پیش کش کی تیاری کرنا اور پھر امریکہ جانا یہ کافی مشکل کام تھا لیکن وہ اس کے لیے تیار ہو گئی۔ ایچ پی امریکہ کی بہت بڑی کمپنی تھی وہ اپنے انسانی وسائل کے شعبہ کا انتظام و انصرام ہندوستان کی کسی کمپنی کے حوالے کرنا چاہتی تھی یہ نہایت نازک شعبہ اس لیے بھی تھا کہ ایچ پی کے اپنے ملازمین کے لیے تھا اور اس کی کوتاہی ان کے سامنے فوراً آ جاتی تھی جس سے کہ وہ خود متاثر ہوتے تھے۔ کنٹراکٹ کے آخری مرحلہ میں ایچ پی والے ہندوستان میں اس کام کے ذمہ داروں سے خود ملاقات کر کے اطمینان کر لینا ضروری سمجھتے تھے۔ مونا جانتی تھی کہ ایچ پی کے سامنے اس کے تمام مسابقین پیش کش کر چکے ہوں گے اور انہیں متاثر کرنے کے لیے کسی کی نقل کام نہ آسکے گی۔ اسے اپنے تمام اسٹاف میں منیر کی تخلیقی صلاحیتوں پر بے حد اعتماد تھا وہ یہ محسوس کرتی تھی کہ منیر ہی اپنی پیش کش میں وہ ندرت پیدا کر سکے گا جو ایچ پی والوں کا دل جیت لے گی۔ اس لیے اس نے یہ کام منیر کے حوالے کیا۔
جب یہ خبر دفتر میں پھیلی کہ منیر نئے پراجیکٹ کی پیش کش تیار کر رہا ہے اور شاید وہی مونا کے ساتھ امریکہ جائے تو دفتر میں ہنگامہ ہو گیا۔ ریڈی جو اس انتظار میں تھا کہ ایک بار اسے روہت پٹیل سے ملنے کا موقع ملے تو وہ مونا کی چھٹی کر دے گا اور سن ٹکنالوجی کا مالک بن جائے گا۔ اس خبر کو پا کر دیوانہ ہو گیا۔ پہلے تو اس نے مونا سے اظہار ناراضگی کیا لیکن مونا کے آگے کسی کی چل نہیں پاتی تھی پھر اس نے روہت پٹیل سے رابطہ کیا اور مونا گونسالویس پر اقربا پروری کا الزام لگایا۔ یہاں تک کہ اس کے کردار کشی کی کوشش بھی کر ڈالی لیکن اس کا اُلٹا اثر ہوا۔ روہت پٹیل نے مونا کو بتلائے بغیر ہی ریڈی کو ملازمت سے برخواست کرنے کا فیصلہ کر لیا اور برخاستگی کا خط لکھ دیا۔ مونا نے جب یہ خط دیکھا تو اسے تعجب ہوا۔ اس نے روہت کو سمجھایا اس طرح ریڈی کا کیریئر تباہ ہو جائے گا۔ اس نے تین سال ہماری خدمت کی ہے بہتر یہ ہے اس سے با عزت طریقے پر استعفیٰ لے لیا جائے۔ روہت کو مونا کے رویہ پر ہنسی آ گئی اور یہ معاملہ اس نے مونا پر چھوڑ دیا۔
مونا نے ریڈی کو کمرے میں بلایا۔ اسے روہت پٹیل کا خط دکھلایا۔ ریڈی کے پیروں تلے سے زمین کھسک گئی۔ اس کے بعد اس نے خط کو واپس لے کر اسے چاک کر دیا اور ریڈی سے کہا کہ وہ از خود استعفیٰ دے کر چلا جائے اسی میں اس کی بھلائی ہے۔
ریڈی کی عجیب کیفیت تھی وہ شرمندہ بھی تھا اور مشکور بھی تھا وہ غمگین بھی تھا اور خوش بھی تھا۔ اس نے کانپتے ہوئے ہاتھوں سے اپنا استعفیٰ ٹائپ کیا اس پر اپنے دستخط ثبت کئے اور سر جھکائے مونا کے کمرے سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے نکل گیا۔ ریڈی کے چلے جانے کے بعد اب سن ٹکنالوجی میں مونا کے بعد منیر ہی کا شمار ہوتا تھا۔ گذشتہ دو سالوں میں منیر کو ایک لمحہ کی بھی فرصت مہیا نہیں ہوئی تھی جس میں ٹھہر کروہ اپنے ماضی حال یا مستقبل کے بارے میں کچھ سوچتا۔ ہر روز صبح سے رات تک کام کرتا اور پھر صبح سویرے اٹھ کر کام میں جٹ جانا یہ اس کا معمول بن گیا تھا۔
آج اسے ایک رات زائد حاصل ہو گئی تھی۔ اتوار کی شام تک وہ دفتر میں بیٹھا تیاری میں لگا رہا۔ گھر میں بہ مشکل ایک گھنٹہ گزارنے کے بعد ایئر پورٹ آ گیا جہاں مونا اس کا انتظار کر رہی تھی۔ ہوائی جہاز میں بیٹھتے ہی دن بھر کی تھکن نے اسے نیند کی آغوش میں بھیج دیا اور اب جب کہ وہ اپنی نیند پوری کر کے جاگا تھا یہاں سب لوگ سو رہے تھے۔ گویا اس کے لیے رات کے بعد صبح نہیں بلکہ رات ہو گئی تھی اس لحاظ سے یہ عجیب و غریب رات تھی۔ منیر حقیقت پسند آدمی تھا وہ سوتے ہوئے بھی خواب نہ دیکھتا تھا اور گذشتہ دو سالوں میں اسے خواب دیکھنے کی فرصت بھی میسر نہیں آئی تھی لیکن آج اس کی آنکھوں کے سامنے ماضی کے یہ واقعات ایک خواب کی طرح چل رہے تھے۔وہ سوچنے لگا حقیقت اور فسانے میں کس قدر کم فرق ہے بلکہ اس نے اپنے آپ سے سوال کیا۔ کیا فسانہ حقیقت سے زیادہ دلچسپ ہوتا ہے؟ جواب تھا نہیں اس لیے کہ فسانہ حقیقت سے بنتا ہے حقیقت فسانے سے نہیں بنتی۔ اس کے باوجود ان دونوں میں گہرا رشتہ ہے اسی طرح کا رشتہ جیسے مونا اور منیر کے درمیان تھا۔ مونا ایک حقیقت تھی اور منیر ایک فسانہ تھا اسی لیے شاید مونا منیر سے زیادہ پائدار اور دلچسپ تھی۔
امریکہ میں قیام کا ہفتہ بے حد برق رفتاری سے گزرا۔ پیش کش کے جائزہ اس میں تبدیلیاں اس کا اعادہ اور پیش کش کے بعد نتیجہ کے انتظار نئے گاہکوں سے یکے بعد دیگرے ملاقاتیں ہر ایک سے گفتگو کی رپورٹ اور پھر ان کی ضرورتوں کے مطابق پروپوسلس۔ مونا، منیر اور روہت پر کام کا جنون سوار تھا۔ علی الصبح دفتر میں ملتے اور شام ڈھلے روہت ان دونوں کو ہوٹل میں چھوڑ کر چلا جاتا۔ حالت یہ ہوتی کہ کسی طرح جلدی جلدی کھانا کھاؤ اور سو جاؤ۔ اکثر کھانا یہ لوگ کمرے ہی میں منگا لیا کرتے تھے۔ اتوار کی واپسی تھی اور جمعہ کی شام ان لوگوں کو خوش خبری مل گئی۔ ایچ پی کا کنٹراکٹ سن ٹکنالوجی کو مل چکا تھا۔ اس خبر نے ان تینوں کو دیوانہ بنا دیا۔ ایک خواب تھا جو دیکھتے دیکھتے شرمندۂ تعبیر ہو گیا تھا۔ اس شام روہت نے جب مونا اور منیر دونوں کو ہوٹل پر چھوڑ کر لوٹا تو دونوں کے قدم لابی میں منجمد ہو گئے تھے۔وہ دونوں وہاں بیٹھ گئے اور کافی دیر بیٹھے رہے۔ نہ جانے کہاں کھوئے ہوئے تھے۔ مونا بولی
’’منیر آج کھانا ہم کمرے میں نہیں ریسٹورنٹ میں کھائیں گے۔‘‘
منیر کے خیالات کا تانتا ٹوٹ گیا۔ ا س نے مسکراتے ہوئے کہا۔’’باس کا حکم سر خم تسلیم ہے۔‘‘
’’یہ باس کا حکم نہیں ایک دوست کی خواہش ہے۔‘‘
’’ ہم اپنے دوست کی خواہش کا احترام کرتے ہیں۔ ‘‘
’’ہاں تو بتلاؤ کتنی دیر میں لوٹو گے؟‘‘
’’دیر کس بات کی؟ اگر آپ چاہیں تو میں یہیں بیٹھا رہوں۔ ‘‘
’’مذاق نہ کرو منیر میں سنجیدہ ہوں۔ ‘‘
’’ٹھیک ہے آدھا گھنٹہ بعد۔‘‘
’’آدھا گھنٹہ بہت ہے مجھے بہت بھوک لگی ہے۔‘‘مونا نے کہا۔
’’اچھا اگر ایسا ہے تو۔ ‘‘ منیر بولا۔’’ہم ایسا کرتے ہیں کھانے کا آرڈر ابھی دیئے دیتے ہیں اس لیے کہ یہ لوگ بھی روٹی کا آرڈر ملنے کے بعد گیہوں پیسنا شروع کرتے ہیں۔ ‘‘
’’یہ ٹھیک ہے۔‘‘
’’تو آپ فرمائیں کیا کھائیں گی؟ بیرا حاضر ہے۔‘‘ منیر نے کہا۔
مونا بولی۔’’آج میں تمہاری پسند کا کھانا کھاؤں گی۔‘‘
’’ٹھیک ہے۔‘‘
’’بائی بائی ‘‘ یہ کہہ کر وہ اپنے کمرے کی جانب چلی گئی اور جاتے جاتے ہاتھوں سے پندرہ منٹ کا اشارہ بھی کرتی گئی۔
سوئمنگ پول کے کنارے نہایت پر تکلّف میز مونا اور منیر کے لیے مخصوص کر دیا گیا۔ ساری دنیا سے الگ تھلگ بالکل تنہا ان دونوں کی طرح۔ ان دونوں کی آمد کے بعد موم بتی کو روشن کیا گیا۔ گہرے اندھیرے میں یہ موم بتی بالکل سورج کی طرح چمک رہی تھی۔روشنی نے میز پر رکھے ’’سن ٹکنالوجی کے مونا اور منیر کا خیر مقدم ہے‘‘ لکھے بورڈ کو روشن کر دیا۔
مونا نے غصہ سے کہا۔ ’’یہاں بھی سن ٹکنالوجی۔‘‘ اور اسے اٹھا کر نیچے پڑے کوڑے دان میں ڈال دیا۔ منیر سمجھ گیا آج میڈم کاروبار یا کمپنی کے بارے میں بات کرنا نہیں چاہتیں۔ لیکن پھر سوچنے لگا ان دونوں کے درمیان اس تمام عرصہ میں یہی ایک واحد مشترک موضوع رہا ہے اب اگر اس پر بات نہ ہو تو کیا بات ہو؟ پہلی مرتبہ منیر قحط الافکار کا شکار ہو گیا تھا اور سوچ رہا تھا بولے تو کیا بولے۔ اس بیچ مونا نے کہا۔
’’منیر میں آج بہت خوش ہوں۔ ‘‘
منیر نے جھٹ جواب دیا۔’’میں بھی آپ کی ا س خوشی میں شریک ہوں۔ ‘‘
مونا بولی۔ ’’مجھے خوشی ہے کہ کوئی میری خوشی میں شریک ہے۔ غم میں ہر کوئی شریک ہو جاتا ہے اس لیے کہ غم کسی نقصان یا ناکامی کے باعث ہوتا ہے اور اس کے باعث لوگوں کے دل میں ہمدردی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ لیکن خوشی کامیابی کے باعث ہوتی ہے اور کامیابی اکثر لوگوں کے دلوں میں حسد و بغض کو جنم دیتی ہے اس لیے خوشی میں بہت سے لوگ شریک نہیں ہو پاتے لیکن جو سچے دوست ہوتے ہیں وہ خوشی و مسرت میں بھی برابر کے شریک ہوتے ہیں۔ ‘‘
منیر نے تائید کی۔’’مجھے یہ جان کر مزید خوشی ہوئی کہ مونا گونسالویس آئی مین میڈم کے اندر ایک فلسفی بھی چھپا ہوا ہے۔‘‘
مونا نے کہا۔ ’’یہ فلسفہ نہیں حقیقت ہے جس کا مشاہدہ تو ہم میں سے ہر کوئی کرتا ہے لیکن اس کا ادراک نہیں کرتا۔ خیر جب تک یہ ایچ پی کا آرڈر نہیں ملا تھا اس وقت تک یہی میری زندگی کا مقصد تھا لیکن اب جب کہ یہ مل گیا ہے اچانک ا س کی اہمیت صفر ہو گئی ہے نہ جانے ایسا کیوں ہوتا۔ کسی وقت سن ٹکنالوجی میں ملازمت کا حصول ہی مقصد زندگی تھا۔ لیکن جب وہ مل گئی غیر اہم ہو گئی اور پہلے آرڈر کے حصول کی دوڑ شروع ہو گئی جب اسے پا لیا اس نے اپنی وقعت گنوا دیا۔ اب اسے کامیابی سے execute کرنا اہم ترین ہدف تھا اس کے بعد نہ جانے کتنے آرڈر آتے رہے لیکن جب ایچ پی کی انکوائری آئی تو پھر ایک نیا ہدف سامنے آ گیا۔ جب پتہ چلا ویپرو سے مسابقت ہے تو اسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی اور پھر اس کے پیچھے بھاگتے ہوئے ہندوستان سے امریکہ آ پہنچے۔ آج صبح تک کس قدر بے کلی تھی۔ کس قدر تجسّس تھا۔جوش اور امنگ تھا لیکن اب اچانک سب کچھ غائب، پورا charm ہی ختم ہو گیا۔ میں سوچتی ہوں ایسا کیوں ہوتا ہے؟ہر خوشی بام عروج پر پہنچ کر غبارہ کی طرح پھوٹ کیوں جاتی ہے؟ اور پھر وہ غبارہ کہاں جاتا ہے؟‘‘
منیر بھی سوچنے لگا اس نے کہا۔’’ہم شاید غیر پائدار بنیاد پر پائدار خوشی حاصل کرنا چاہتے ہیں اگر مقصد ہی پائدار نہ ہو تو اس کے حصول کی خوشی بھی ناپائدار ہی ہو گی۔ یہ دنیا بھی تو عارضی شئے ہے اس میں ہماری زندگی بھی تو ابدی نہیں ہے اگر ہر شئے وقتی اور عارضی ہے تو اس میں حاصل ہونے والی خوشی کس طرح ابدی و ازلی ہوسکتی ہے۔‘‘
مونا نے تائید میں سر ہلایا وہ بولی۔ ’’دیکھو منیر تمہاری بات صحیح ہے اس دنیا میں ہر چیز relative ہے ان چھوٹے چھوٹے اہداف کے مقابلے جو ہمیں زندگی کے سفر میں پیش آتے ہیں زندگی تو نسبتاً پائدار ہے مجھے ایسا لگتا ہے کہ شاید ان اہداف کے چکر میں میں زندگی کو بھول گئی تھی اور محض اس وقتی خوشی کے بجائے زندگی کی ہر خوشی میں تمہیں شریک کرنا چاہتی ہوں میں تمہیں اپنا شریک حیات بنا لینا چاہتی ہوں۔ ‘‘
مونا کا یہ جملہ منیر پر بجلی کی طرح گرا۔ بڑی مشکل سے اس نے اپنے آپ کو سنبھالا۔
’’کیا بات کرتی ہیں میڈ…م۔ آپ مذاق تو نہیں کر رہی ہیں مجھ … غریب… سے۔‘‘
’’نہیں منیر میں بہت ہی سنجیدگی سے propose کر رہی ہوں۔ ‘‘
منیر نے کہا۔ ’’میڈم یہ نہایت اہم معاملہ ہے اس لیے آپ ذرا غور فرما لیں تو بہتر ہو گا۔‘‘
مونا بولی۔’’میں نے تو سوچ لیا ہے ہاں اگر تمہیں یہ رشتہ نامنظور ہو تو انکار کر سکتے ہو مرضی تمہاری۔‘‘
’’م…م… میں یہ جرأت کیسے کر سکتا ہوں۔ ‘‘
’’کر سکتے ہو اور جس ہچکچاہٹ کا اظہار تم کر رہے ہو اس کو مجھے انکار ہی سمجھ لینا چاہئے شاید‘‘
’’نہیں میڈم نہیں۔ آپ مجھے غلط سمجھ رہی ہیں آپ کا ہر فیصلہ میرے سر آنکھوں پر۔ یہ تو میرے لیے عظیم سعادت کی بات ہے سن…‘‘
مونا نے بات کاٹ دی۔ ’’سن نہیں۔ ‘‘
’’جی ہاں جی ہاں مونا گونسالویس مجھے پیغام دے رہی ہیں۔ میں اس کے لیے تیار ہوں بالکل تیار ہوں۔ کل ہی سے میں تیاریوں میں لگ جاتا ہوں۔ ‘‘
’’کل سے نہیں۔ اب اور اسی وقت سے ہم اس رشتہ میں اپنے آپ کو باندھے لیتے ہیں اور پھر ہم ایک دوسرے کے زوج بن جاتے ہیں۔ ‘‘
’’نہیں میڈم یہ نہیں ہو سکتا۔‘‘
’’کیوں نہیں ہوسکتا؟‘‘مونا نے کڑک کر پوچھا۔
’’ہمارے یہاں رشتۂ ازدواج یونہی قائم نہیں ہو جاتا بلکہ اس کی کچھ شرائط ہیں اور اس کے بعد ہی یہ ہو سکتا ہے۔‘‘
’’شرائط؟ کیسی شرائط؟ تم مجھ سے جہیز کا مطالبہ تو نہیں کرنے جا رہے؟‘‘
’’نہیں۔ توبہ کیجئے۔ جہیز کے مطالبے کو تو میں نہ صرف ظلم زیادتی بلکہ حرام سمجھتا ہوں۔ لیکن بہرحال کسی قاضی کی موجودگی میں گواہ اور وکیل کے توسط سے یہ رشتہ قائم ہو گا اور پھر اس کا اعلان کیا جائے گا۔‘‘
’’لو پھر تم نے کر دی ہندوستانیوں والی بات۔ یہ صرف ہندوستان جیسے پچھڑے ہوئے ممالک کی باتیں ہیں تم یہ نہ بھولو کہ یہ امریکہ ہے۔ یہاں ان سب چیزوں کی مطلق ضرورت نہیں۔ ‘‘
’’نہیں میڈم ان چیزوں کا امریکہ یا ہندوستان سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم جہاں کہیں بھی رہتے ہیں اپنی اقدار کے ساتھ رہتے ہیں۔ ٹوکیو ہو یا ٹمبکٹو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘
’’کیا دقیانوسی باتیں کرتے ہو منیر۔ یہ پرانے وقتوں کی باتیں ہیں۔ اب نئے زمانے میں ان باتوں کی کیا اہمیت ہے۔ ‘‘
’’بالکل ہے کیوں نہیں ہے۔ یہ ضرورت بھی تو بہت پرانی ہے۔ انسان اپنے جوڑے کے ساتھ زندگی بسر کرنا چاہتا ہے۔ یہ انسانوں کی بہت پرانی ضرورت ہے اور اسی لیے اس پرانی ضرورت کو پورا کرنے کا طریقہ کار بھی پرانا ہونا چاہئے۔ اس میں قباحت کی کیا بات ہے؟‘‘
’’لیکن یہ تو بہت complicated کا م ہے۔ یہ تمام انتظامات تو لمبا وقت چاہتے ہیں اور میں رُک نہیں سکتی۔‘‘
’’نہیں میڈم نہیں۔ یہ لمبا وقت نہیں چاہتے۔ یہ تو نہایت ہی آسان کام ہے۔ ہم لوگ کل صبح مسلم کمیونٹی سینٹر پر چلتے ہیں میں وہاں اپنے چند دوستوں کو بلوا لوں گا انہیں میں سے کوئی قاضی بن جائے گا اور کوئی وکیل اور گواہ۔ وہ تم سے پھر پوچھیں گے اور تمہارے راضی ہونے پر وہ ہمارا نکاح کا اعلان کر دیں گے۔ اس طرح موجود حاضرین کی موجودگی میں ہم ایک دوسرے کے میاں بیوی ہو جائیں گے۔‘‘
’’اچھا تو یہ اس قدر آسان ہے میں تو سمجھتی تھی کہ …‘‘
منیر نے بات کاٹ دی۔ ’’میڈم آپ غلط سمجھتی تھیں یہ جو طریقہ میں نے بتلایا یہ اﷲ کا بتلایا ہوا طریقہ تھا ہم انسانوں نے اسے مشکل بنا دیا ہے۔‘‘
’’تو تمہارا مطلب ہے کل تک مجھے انتظار کرنا ہی ہو گا۔‘‘
’’جی ہاں میڈم۔‘‘
’’میڈم نہیں مونا۔‘‘
’’جی ہاں مونا۔‘‘
جی ہاں نہیں۔ ہاں ہاں مونا۔لیکن ایک بات بتاؤ منیر تم مجھے شادی سے پہلے یہ تو نہیں کہو گے کہ میں اپنا مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کر لوں۔ ‘‘
’’میں کہوں گا تو ضرور اور شادی سے پہلے کیوں ؟ ابھی ابھی کہوں گا لیکن پھر تمہاری مرضی، چاہو تو میری بات مانو چاہو تو مسترد کر دو۔‘‘
’’لیکن کیا اس کے باوجود ہمارا نکاح ہو جائے گا۔‘‘
’’کیوں نہیں ہمارے مذہب میں اہل کتاب سے نکاح کی اجازت ہے اور پھر تم اہل کتاب تو ہو ہی۔‘‘
’’اچھا۔ میں تو سمجھتی تھی کہ اسلام بڑا ہی سخت اور مشکل مذہب ہے لیکن تم نے تو اسے بہت ہی آسان بنا دیا۔‘‘ مونا نے کہا۔
’’نہیں میڈم۔ سوری مونا۔ اسلام کو اس کے نازل کرنے والے خدائے بزرگ برتر نے ہی آسان بنایا ہے اب انسان ہے کہ اسے مشکل بنائے ہوئے ہے۔ اب اس کا کوئی کیا کرے؟‘‘
’’اچھا پھر ٹھیک ہے۔آج ہم آخری بار جُدا ہو رہے ہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ایک ہو جانے کے لیے۔‘‘
’’اوکے پھر ملیں گے صبح انشاء اﷲ۔‘‘ منیر نے کہا۔
مونا بولی۔’’انشاء اﷲ۔‘‘
دوسرے روز نہایت سادگی کے ساتھ قریب کے اسلامک سینٹر میں منیر اور مونا کا نکاح ہو گیا۔جس میں ان دونوں کے کچھ ذاتی دوستوں کے علاوہ روہت پٹیل بھی موجود تھا۔ یہ ہفتہ کا آخری اور چھٹی کا دن تھا۔ روہت ان کے ساتھ ہوٹل آیا اور مبارک باد دے کر چلا گیا۔ اس کے بعد دو دن یہ دونوں یوں تو امریکہ میں تھے لیکن دراصل ہواؤں، فضاؤں اور ایک دوسرے کی جنت میں کھوئے ہوئے تھے اور امریکہ سے واپسی پراسی طرح غمگیں تھے جس طرح حضرت آدم اور حوا جنت سے دنیا کی جانب آتے ہوئے رہے ہوں گے۔لیکن بہرحال ان کی آزمائش دنیا میں مقدر تھی سو یہ دونوں ہندو ستان لوٹ آئے۔ راستہ میں ایک مسئلہ زیر بحث رہا وہ یہ تھا کہ اب یہ لوگ رہیں گے کہاں ؟ منیر کا آبائی گھر مونا کے لیے مناسب نہ تھا اور مونا کے گھر منیر جانا نہیں چاہتا تھا۔ بالآخر دونوں نے ایک نئے گھر میں منتقل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ نئی زندگی جو ایک نئے ملک میں شروع ہوئی تھی ایک نئے گھر میں داخل ہو گئی۔ جب یہ دونوں ایئرپورٹ پر پہنچے تو سن ٹکنالوجی کا سینئر اسٹاف وہاں موجود تھا۔ ہر ایک کے ہاتھ میں دو گلدستے تھے۔ ہر کوئی آگے بڑھ کر پہلے مونا کو ایچ پی کے آرڈر کی مبارکباد دیتا اور پھر دوسرا گلدستہ منیر کے حوالے کرتے ہوئے اسے شادی کی مبارکباد دیتا۔ یکے بعد دیگرے جب یہی رویہ دوہرایا گیا تو منیر کوایسا لگا جیسے شادی صرف منیر کی ہوئی ہے اور ایچ پی کا آرڈر صرف مونا کو ملا ہے۔ منیر کا حاصل مونا اور مونا کا حاصل آرڈر ہے حالانکہ صورت حال اس کے بالکل برعکس تھی ایچ پی کا آرڈر درحقیقت منیر کی جانفشانی کا نتیجہ تھا اور شادی مونا کی پہل اور کوششوں سے ہوئی تھی لیکن لوگ اس کو اُلٹا ہی سمجھ رہے تھے۔
شادی کے باوجود مونا اور منیر کے معمول میں کوئی خاص فرق واقع نہ ہوا تھا بلکہ وہ دونوں پہلے سے زیادہ مصروف ہو گئے تھے۔ ایچ پی کے بعد روہت کو اور بھی کچھ نئے آرڈر حاصل کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی تھی جس کے باعث ان کی مصروفیات میں بے شمار اضافہ ہو گیا تھا۔ حقیقت تو یہ تھی کہ اس نئے شادی شدہ جوڑے کو نہ تو محبت کی فرصت تھی اور نہ لڑائی جھگڑے کے لیے وقت تھا۔ دفتر میں اور گھر میں ہر جگہ ان پر کام کا بھوت سوار رہتا تھا اور کام تھا کہ ختم ہونے کا نام ہی نہ لیتا تھا۔ لیکن کامیابی کا اپنا نشہ ہوتا ہے اور یہ خمار کام کی تمام تھکن کو مات کر دیتا ہے۔ یہ دونوں بدمست مسافر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کامیابی کی بلند منزلیں سر کرتے جاتے تھے۔ دیکھتے دیکھتے مزید چار سال کا طویل عرصہ نہ جانے کیسے گذر گیا۔ اب سن ٹکنالوجی کا شمار ہندوستان کی سب سے بڑی بی پی او کمپنیوں میں ہونے لگا۔ اس دنیا کا ہر کوئی شخص مونا اور منیر کو جانتا تھا اور ان کی جانب رشک سے دیکھا کرتا تھا۔
روہت پٹیل کو مونا کی صلاحیتوں کا اعتراف تھا۔ اسے ایسا لگنے لگا کہ اگر مونا کمپنی چھوڑ دیتی ہے تو اس کا سارا کھیل دھرا کا دھرا رہ جائے گا۔ اس لیے اس نے مونا کو کمپنی کے ملازم کے بجائے اسے بھی ملکیت میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ وہ مونا کی موجودگی یقینی بنانا چاہتا تھا اور اس کے لیے یہی سب سے آسان اور کارگر نسخہ تھا۔ اس نے اس غرض سے مونا کو امریکہ آنے کی دعوت دی۔ منیر کا مونا کے ساتھ سفر کرنا امر لازمی تھا۔ ان دونوں نے ایک ہفتہ کے لیے امریکہ جانے کا پروگرام بنایا۔ چار سال میں پہلی مرتبہ یہ لوگ ایک ساتھ چھٹی منانے جار ہرے تھے۔ اس بار فلائیٹ صبح میں تھی۔ ہوائی جہاز کے اُڑنے کے بعد منیر نے کہا۔
’’مونا کتنا اچھا لگ رہا ہے۔‘‘مونا نے اثبات میں سرہلا یا۔ ’’آج مجھے پھر ایک بار اپنا پرانا سفر یاد آ رہا ہے۔ ‘‘
مونا نے کہا۔ ’’اس سفر میں یاد کرنے کے لیے تھا ہی کیا تم راستے بھر سوتے رہے اور میں ناول پڑھتی رہی۔‘‘
منیر نے کہا۔ ’’یہ تو تم جاتے وقت کے سفر کی بات کر رہی ہو۔ مجھے تو واپسی کا سفر یاد آ رہا ہے جب ہم لوگ یہ بھول گئے تھے سن ٹکنالوجی کس بلا کا نام ہے اور ہم دونوں اس میں ملازم ہیں۔ ‘‘
’’جی ہاں اس وقت ہم دونوں صرف میاں بیوی تھے اور ہم صرف اپنے مستقبل کے سپنے سجاتے رہے۔ مجھے بھی یاد آ رہا ہے۔‘‘
’’لیکن مونا وہ خواب کہاں کھو گئے؟ ممبئی پہنچنے کے بعد ہم نے ان خوابوں کو یکسر بھلا دیا اور پھر کاروبار میں ایسے پھنسے کہ ہمیں یہ یاد ہی نہ رہا کہ ہماری اپنی بھی کوئی زندگی ہے۔ذاتی زندگی۔ ازدواجی زندگی۔‘‘
منیر تم سچ کہتے ہو ہم نے کامیابی کی بہت بڑی قیمت ادا کی۔ لیکن پھر بھی مجھے کوئی افسوس نہیں ہے اس لیے کہ دنیا میں کوئی بھی چیز مفت میں حاصل نہیں ہوتی اور کامیابی تو ہرگز ہرگز نہیں۔ مونا نے کہا۔
منیر نے تائید کی۔ ’’بے شک ہماری کامیابی بے مثال ہے لیکن آخر کب تک ہم اپنے کاروبار کے قدموں میں اپنا سب کچھ بھینٹ چڑھاتے رہیں گے۔ آخر اس کی بھی کوئی حد ہونی چاہئے۔ تمہیں یاد ہے سفر کے دوران ہم ایس یو این (SUN) سن کے بجائے ایس او این (SON) کے بارے میں سوچتے رہے تھے لیکن وہ SON بھی نہ جانے کہاں کھو گیا۔ حالانکہ اسے تو فطری انداز میں آ جانا چاہئے تھا۔ شاید اس نئی زندگی سے ہمیں نئی زندگی مل جاتی ہمارا بچپن جوان ہو جاتا۔‘‘
مونا نے تائید کی۔’’ہاں منیر تم سچ کہتے ہو لیکن مجھ پر کامیابی کا ایسا جنون تھا کہ میں نے اسے اپنی راہ کی رکاوٹ سمجھا اور اسے آنے سے روک دیا۔‘‘
’’مونا تمہیں ایسا نہیں لگتا کہ یہ تمہاری بلکہ ہماری غلطی تھی۔‘‘
مونا نے کہا۔’’ہاں آج جب ہم ٹھہر کے سوچ رہے ہیں تو لگتا ہے کہ شاید یہ ہماری غلطی تھی۔ ہم بہت زیادہ خود غرض ہو گئے تھے۔ ہم اپنے وسائل کو اپنے اوقات کو کسی اور سے تو کیا اپنے لخت جگر کے ساتھ بھی share کرنا نہیں چاہتے تھے۔ ہم نے خود اپنی آئندہ نسل سے دشمنی کی۔ہم اس کے قاتل ہیں اور یہ ناقابل معافی جرم ہے۔‘‘
’’جی ہاں مونا تم سچ کہتی ہو۔ مال کی ہوس نے ہمارے لیے کتنے سنگین گناہ کو کس قدر آسان بنا دیا تھا۔‘‘
مونا نے اثبات میں سرہلایا اور بولی۔ ’’منیر گذرا ہوا کل واپس نہیں آتا اس لیے اس کا ماتم چھوڑو اور آنے والے کل کے بارے میں سوچو۔‘‘
منیر نے کہا۔ ’’تم سچ کہتی ہو۔ آنے والے کل کے بارے میں میں صرف اتنا کہتا ہوں کہ آنے والا کل ہمارے سن (SON)کا ہو گا۔‘‘
فلائیٹ میں کھانا کھانے کے بعد دونوں کی آنکھیں لگ گئیں۔ یہ لوگ دن میں سونے کے نام و نشان سے واقف نہ تھے لیکن پھر بھی دونوں سو گئے اور سپنوں میں کھو گئے۔ دونوں کا خواب یکساں تھا ایک مشترک خواب دونوں دیکھ رہے تھے۔ دونوں نے خواب میں ایک بڑا سا باغ دیکھا جس میں بے شمار پھول تھے لیکن ہر پھول جڑواں تھا۔ دو گلاب،دو موگرا، دو چمیلی، دو کنول یہاں تک کہ سورج مکھی کا پھول بھی جڑواں تھا۔ جب بیدار ہونے کے بعد ان دونوں نے ایک دوسرے کو اپنا خواب سنایا تو تحیر زدہ رہ گئے۔
’’کیا خواب بھی جڑواں ہوتے ہیں ؟‘‘ مونا نے پوچھا۔
منیر بولا۔’’کیوں نہیں۔ اگر حقیقت جڑواں ہو سکتی ہے تو خواب کیوں نہیں ہو سکتے۔ وہ دونوں اس جڑواں خواب میں کھو گئے جس کا تعلق ان کے ماضی سے بھی تھا اور مستقبل سے بھی تھا۔ جہاز سرزمین نیویارک پر اتر رہا تھا۔ باہر صبح ہو رہی تھی منیر نے کہا۔
’’مونا یہ جڑواں دن ہے دن کے بعد دن اور ہاں وہ جڑواں رات تھی رات کے بعد رات‘‘ پھر دونوں بولے۔ ’’اور یہ جڑواں خواب ہے خواب کے بعد خواب۔‘‘
روہت پٹیل نے ایئر پورٹ پر ان دونوں کا خیر مقدم کیا اور کہا۔ ’’آپ لوگوں نے آرام کیا یا نہیں اس لیے کہ ہندوستان میں فی الحال رات ہے۔‘‘
مونا بولی۔ ’’سارا راستہ آرام ہی رہا۔کہو کیا بات ہے؟‘‘
روہت بولا۔’’بات دراصل یہ ہے کہ میں بورڈ آف ڈائرکٹرس کی ایک اہم میٹنگ کل رکھنا چاہتا تھا لیکن جیوتش نے بتلایا کہ کل شگون منحوس ہے اس لیے میں نے اچھا شگون نکال کر آج ہی گیارہ بجے صبح میٹنگ رکھی ہے۔ یہ میٹنگ صرف آدھے گھنٹہ کی ہے۔ کمپنی کے چند بنیادی فیصلوں کو آخری شکل دینی ہے اس کے بعد تم واپس آ کر آرام کر لینا…‘‘
مونا بولی۔ ’’یہ شگون کیا ہوتا ہے؟ روہت صاحب آ پ کب سے امریکہ میں رہ رہے ہیں انفارمیشن ٹکنالوجی کی جدید دنیا میں آپ شگون کی بات کرتے ہیں۔ ‘‘
روہت بولا۔ ’’مونا تم اسے نہ سمجھو گی لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بس میں تو یہ چاہتا ہوں کہ ۱۱ بجے آدھے گھنٹہ کے لیے تم نیچے ہوٹل کے بورڈ روم میں آ جانا جہاں یہ میٹنگ ہے اور پھر واپس جا کر کمرے میں آرام کرنا۔ مجھے امید ہے تم میری اس خواہش کا احترام کرو گی۔‘‘
’’بے شک میں میٹنگ میں آؤں گی لیکن اس لیے نہیں کہ وہ کوئی شبھ مہورت ہے۔‘‘
’’ٹھیک ہے۔‘‘ روہت بولا اور ہنسنے لگا۔ جب روہت واپس ہونے لگا تو منیر نے پوچھا۔
’’یہ میٹنگ تو کمپنی کے انتظامی امور سے متعلق ہے بزنس کی ترویج کے لیے تو ہے نہیں۔ اس لیے میرا آنا ضروری تو نہیں۔ ‘‘
روہت نے کہا۔ ’’ہاں منیر تم ٹھیک کہتے ہو۔ تم چاہو تو آرام کر سکتے ہو۔‘‘
منیر نے کہا۔’’شکریہ۔ ‘‘لیکن منیر کی لغت میں آرام نہ تھا۔ وہ مونا سے پہلے تیار ہو کر باہر نکل گیا اور ہوٹل سے لگی دوکانوں میں گھومنے لگا۔ اسے ایک خاص دوکان کی تلاش تھی۔ بچوں کی دُکان جو اسے تھوڑی سی محنت سے مل گئی۔ وہاں پہنچنے کے بعد اس نے دیوانہ وار چیزیں خریدنی شروع کر دیں۔ کھلونے، کپڑے، جھولا اور نہ جانے کیا کیا۔ جب سب کچھ پیک ہو گیا تو اُسے دیکھ کر گھبرا گیا۔ منیر نے دوکان والے کو اپنے کمرے کا نمبر دیا۔ چونکہ وہ دُکان اسی ہوٹل کا حصہ تھی جس میں ٹھہرا ہوا تھا دُکاندار خوشی خوشی اسے کمرے تک پہنچانے پر راضی ہو گیا۔منیر جب کمرے میں میں آیا تو مونا میٹنگ میں جا چکی تھی۔ منیر مونا کو Surprise دینا چاہتا تھا۔ اس نے جلدی جلدی تمام سامان کو کھولا اور اسے بالکل چھوٹے بچوں کی طرح کمرے میں سجانے لگا۔ بچے جس طرح گڑیوں کا سنسار سجاتے ہیں وہ بھی بالکل اسی طرح کھلونوں سے کھیل رہا تھا۔دروازے کی گھنٹی بجی۔
منیر نے دروازہ کھولا۔ سامنے مونا کھڑی تھی۔ اس کی آنکھوں کی چمک بتلا رہی تھی کہ وہ کس قدر خوش ہے۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی وہ منیر سے لپٹ گئی اور دیر تک اس کے سینے میں اپنا سر چھپائے کھڑی رہی اور اس کے بعد بولی۔
’’منیر تم جانتے ہو میٹنگ میں کیا ہوا؟ تمہیں یقین نہیں آئے گا کہ آج میٹنگ میں کیا ہو گیا۔ میں نے تو کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے۔‘‘
منیر بولا۔’’آخر بولو گی بھی یا بس یونہی خوشی سے پھولی نہیں سماتی رہو گی۔‘‘
مونا بولی۔’’بتاتی ہوں بتاتی ہوں۔ دراصل سن ٹکنالوجی کے ۴۵ فیصد شیئر تو مارکٹ میں ہیں بقیہ ۵۵ فی صد میں سے روہت پٹیل نے مجھے ۲۵ فی صد کا مالک بنا دیا۔ اب ہم سن ٹکنالوجی کے ملازم نہیں بلکہ مالک بن گئے ہیں۔ ‘‘
منیر نے کہا۔ ’’ہم نہیں تم۔‘‘
ہاں ہاں ایک ہی بات ہے۔ ہم دونوں میں فرق ہی کیا ہے۔ اسی کے ساتھ بورڈ آف ڈائرکٹر کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے روہت پٹیل کو چیئرمن اور مجھے کمپنی کا منیجنگ ڈائرکٹر بنا دیا گیا۔ اس طرح کمپنی کو چلانے کے سارے اختیارات اب ہمارے ہاتھ میں ہیں۔ ‘‘
’’ہمارے نہیں تمہارے۔‘‘ منیر بولا۔
’’ہاں ہاں ایک ہی بات ہے۔ ہم دونوں تو ایک ہی ہیں اور جانتے ہو میں نے اپنی پہلی تقریر میں کیا اعلان کیا۔‘‘
منیر بولا۔’’ہاں ہاں بولو سن رہا ہوں۔ ‘‘
مونا بولی۔’’میں نے اعلان کیا کہ فی الحال سن ٹکنالوجی ہندوستان کی تیسرے نمبر کی بی پی او کمپنی ہے لیکن ہم اسے دو سال کے اندر پہلے نمبر پر پہنچا دیں گے۔‘‘
’’ہم نہیں میں۔ ‘‘ منیر بولا
’’ہاں ہاں ایک ہی بات ہے۔ ہم دونوں تو ایک ہی ہیں۔ بولو منیر صحیح کہانا میں نے۔ ایسا ہو گانا۔ بولو نا ضرور ہو گا۔‘‘
منیر نے کہا۔’’مونا ڈارلنگ ضرور ہو گا۔میری نیک خواہشات تمہارے ساتھ ہیں۔ ‘‘
’’نیک خواہشات ساتھ ہیں۔ کیا مطلب؟ تم خود ساتھ میں نہیں ہو؟‘‘
منیر بولا۔’’ہاں ہاں ایک ہی بات ہے میری خواہش اور میں الگ الگ تھوڑے ہی ہیں۔ ‘‘
منیر کو دراصل پریشانی اس بات کی تھی کہ اتنے ڈھیر سارے کھلونوں کی جانب مونا ذرّہ برابر بھی متوجہ نہیں ہوئی تھی۔ کتنے شوق سے اس نے ان تمام چیزوں کو سجایا تھا۔ اگر کوئی عام آدمی کمرے میں آتا تو اس کا پہلا سوال ہوتا ’’بچہ کہاں ہے؟ جس کے لیے یہ تمام لوازمات سجائے گئے ہیں ‘‘ لیکن مونا کے ذہن و دماغ پر ایس او این SON نہیں بلکہ SUN سوار تھا اور اس کی چکا چوند روشنی نے آنکھوں کو خیرہ کر دیا تھا۔اسے کچھ بھی دکھائی نہ پڑتا تھا۔ بالآخر منیر نے کہا۔
’’مونا یہ سب تو ٹھیک ہے لیکن اس خواب کا کیا جو ابھی پچھلے دن ہم نے دیکھا تھا۔‘‘
’’اوہو منیر اب آئندہ دو سالوں میں ہمیں پہلے نمبر پر آنا ہے اس لیے اب تو ہم کچھ اور سوچ بھی نہیں سکتے۔ ہم دو سال اور رک جاتے ہیں۔ ایک بار سب سے آگے ہو گئے تو پھر وہی سب کریں گے۔‘‘
منیر نے کہا۔’’نہیں میں اب رک نہیں سکتا۔ اس لیے کہ میں جانتا ہوں سب سے آگے ہونا جتنا مشکل ہے سب سے آگے رہنا اس سے بھی زیادہ مشکل ہے۔آج اگر آگے ہونے کے لیے ہم نے ملتوی کر دیا تو کل آگے رہنے کے لیے ہمیں اسے التوا میں ڈالنا پڑے گا اور پھر وہ کل کبھی نہ آئے گا۔‘‘
مونا بولی۔’’منیر اس خوشی کے موقع پر تم یہ کیا بکھیڑا لے کر بیٹھ گئے۔ اب ہمارے سامنے صرف ایک ہدف ہے۔‘‘
’’ہمارے نہیں تمہارے سامنے۔‘‘ منیر بولا۔
’’ہاں ہاں …‘‘
منیر نے بات کاٹ دی۔’’مونا یہ ایک ہی بات نہیں ہے۔ یہ الگ باتیں ہیں ہم ایک دوسرے کو بہلانے اور پھسلانے کے لیے ایک ہی بات کہتے ضرور ہیں لیکن ہمارے کہنے سے حقیقت نہیں بدل سکتی۔‘‘
’’منیر آ ج پہلی بار تمہاری باتیں میری سمجھ میں نہیں آ رہی ہیں نہ جانے کیوں ؟
منیر نے جواب دیا۔’’میڈم اس لیے کہ شاید آج پہلی مرتبہ میں آپ سے اختلاف کر رہا ہوں۔ ‘‘
’’نہیں ایسا نہیں تم پہلے بھی مجھ سے اختلاف کرتے رہے ہو اور میں نے تمہارے اختلاف کا احترام کیا ہے۔‘‘
’’تم ٹھیک کہتی ہو لیکن اس سے پہلے بنیادی طور پر ہم میں اتفاق ہوتا تھا۔ اختلاف محض جزئیات میں ہوتا تھا اس لیے بات بگڑتی نہیں تھی لیکن آج اختلاف بنیادی ہے اس لیے آپ کی سمجھ میں نہیں آ رہی ہے۔‘‘
’’ہاں شاید ایسا ہی کچھ ہے۔‘‘ مونا نے کہا اور دونوں خاموش ہو گئے۔
تھوڑی دیر بعد مونا بولی۔ ’’دیکھو منیر آج جو کامیابی مجھے حاصل ہوئی ہے اس میں سب سے بڑا حصہ تمہارا ہے۔ آج بورڈ آف ڈائرکٹرس کی میٹنگ میں بھی سب نے اس کا اعتراف کیا لیکن…‘‘ مونا رک گئی۔
منیر نے کہا۔ ’’میڈم آپ خاموش کیوں ہو گئیں ؟ اپنی بات پوری کیجئے۔‘‘
’’بات دراصل یہ ہے کہ‘‘ مونا بولی۔’’میں تو چاہتی ہوں کہ تم آگے بھی کامیابی کے اس سفر میں میرے ساتھ ساتھ رہو لیکن …‘‘ مونا پھر رک گئی۔
منیر نے کہا۔’’میڈم آپ رک کیوں گئیں ؟ آپ اپنی بات پوری کیجئے۔‘‘
مونا نے کہا۔’’لیکن مجھے ڈر ہے کہ کہیں تمہاری یہ ضد ہماری کامیابی کے راستہ میں سدِّ باب نہ بن جائے۔‘‘
’’آپ ٹھیک کہتی ہیں میں جانتا ہوں سن ٹکنالوجی کے منیجنگ ڈائرکٹر کا ماں بننا کن مسائل کو جنم دے گا لیکن اب مجھے اپنے سن میں دلچسپی ہے روہت اور مونا کے سن میں نہیں اور تمہیں بھی ان دونوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑے گا۔‘‘
منیر بات دراصل یہ ہے کہ میرے سامنے آج سب سے بڑی مشکل یہی ہے اور اس سے پہلے میں نے اپنی ہر مشکل کے وقت تم سے رجوع کیا ہے۔اس لیے اس بار بھی میں یہی کرتی ہوں میں جانتی ہوں کہ میرا تم سے اچھا دوست اور خیرخواہ کوئی اور نہیں ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ تمہارا مشورہ میرے حق میں بہترین ثابت ہو گا۔‘‘
منیر بولا۔’’میڈم میں آپ کے اعتماد کی قدر کرتا ہوں اور میرا مشورہ ہے کہ اس موڑ سے ہم دونوں کی راہیں جدا ہو جاتی ہیں۔ اس لیے ہم دونوں کو الگ الگ ہو جانا چاہئے۔‘‘
مونا کو منیر سے ایسی امید نہیں تھی۔ وہ اس کے اس فیصلہ سے سٹپٹا گئی اور بولی۔’’کیا کہہ رہے ہو منیر؟ ہم دونوں ایک دوسرے سے الگ ہو کر زندہ رہ سکتے ہیں ؟‘‘
منیر بولا۔’’میں جانتا ہوں مونا کہ یہ نہایت مشکل کام ہے لیکن اب ہم ایک دوسرے کے ساتھ بھی تو زندہ نہیں رہ سکتے۔ انسان یا ساتھ رہے یا علیٰحدہ ان دونوں کے علاوہ کوئی تیسرا متبادل اس کے پاس نہیں ہے۔ علیٰحدہ رہنا ہماری چاہت نہیں بلکہ مجبوری ہے اور اس لیے ہے کہ زندگی مختلف نقطہ ہائے نظر کے ساتھ ایک ساتھ زندگی گذارنا عملاً ناممکن ہے۔‘‘
’’لیکن منیر دنیا میں لوگ اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گذارتے ہیں تو ہم کیوں نہیں گذار سکتے؟‘‘مونا نے پوچھا۔
منیر بولا۔’’تمہاری بات صحیح ہے لیکن وہ اختلافات جیسا کہ میں نے پہلے کہا جزوی نوعیت کے ہوتے ہیں بنیادی نوعیت کے نہیں ہوتے اور اگر بنیادی ہوتے ہیں تو آپس میں ایک دوسرے سے دست و گریباں ہوتے ہیں جو ہم نہیں ہو سکتے اس لیے …‘‘ منیر رک گیا۔
’’اس لیے کیا منیر اس لیے کیا؟‘‘ مونا نے پوچھا۔
’’اس لیے بہتر یہی ہے کہ ہم لوگ احسن طریقہ پر جدا ہو جائیں۔ ‘‘
مونا بولی۔’’احسن طریقہ سے ملنا تو سنا تھا لیکن اس طریقہ کی جدائی بھی ہو سکتی ہے۔‘‘
’’ہاں ہو سکتی ہے اور اب ہو گی۔‘‘
’’وہ کیسے؟‘‘
’’وہ ایسے کہ میں نے گواہوں کی موجودگی میں وکیل کے توسط سے اور تمہاری مرضی سے تمہیں اپنے نکاح میں لیا تھا۔ہمارے درمیان ایک بندھن بندھ گیا ایک معاہدہ۔ اب میں اس معاہدہ کو ختم کیے دیتا ہوں اور تمہیں اس بندھن سے آزاد کر دیتا ہوں۔ پھر اس کے بعد ہم دونوں ایک دوسرے کے تئیں زن و شوہر کے رشتہ سے آزاد ہو جائیں گے۔‘‘
’’کیا یہ اتنا آسان ہے؟‘‘ مونا نے پوچھا۔
منیر بولا۔ ’’ہاں یہ اسی قدرآسان ہے جس قدر اس بندھن کا باندھنا آسان ہے بلکہ اس سے بھی زیادہ۔‘‘ پھر سے دونوں خاموش ہو گئے۔
کچھ دیر بعد مونا بولی۔ ’’منیر تم ہر مشکل کو آسان کر دیتے ہو لیکن ایک بات بتاؤ آج شام کو میرے تقرری کا جشن منایا جا رہا ہے۔ اسی ہوٹل میں زبردست پارٹی ہے جس میں امریکہ کے بڑے بڑے تاجر صنعت کار اور پیشہ ور حضرات شریک ہو رہے ہیں کہیں ایسا تو نہیں کہ اس جدائی کے بعد اس پارٹی میں بھی تم شریک نہیں ہوؤ گے۔‘‘
منیر نے کہا۔’’مونا تم تو جانتی ہو میں پارٹیوں میں شرکت نہیں کرتا اور اس غیر حاضری کا تعلق جدائی سے نہیں ہے اگر ہم ساتھ ہوتے تب بھی میں شریک نہیں ہوتا۔‘‘
’’کیوں ؟ آخر کیوں ؟‘‘ مونا نے پوچھا۔
’’مونا جیسا کہ تم جانتی ہو ہماری کچھ اقدار ہیں جن پر ہم مصالحت نہیں کرتے۔ ان میں سے ایک یہ بھی ہے۔‘‘
مونا بولی۔’’منیر تم آج بھی ویسے ہی ہو جیسے سات سال پہلے تھے اس وقت بھی تمہاری یہی قدریں تھیں جب تم نے سن ٹکنالوجی join کیا تھا۔ آج سے چار سال قبل بھی تمہاری یہی قدریں تھیں جب ہماری شادی ہوئی تھی اور آج بھی تمہاری وہی قدریں ہیں …‘‘ مونا رک گئی۔
منیر نے جملہ پورا کیا۔’’جب کہ ہماری طلاق ہو رہی ہے۔‘‘
مونا بولی۔’’سب کچھ بدل گیا لیکن تم نہیں بدلے…‘‘
منیر نے کہا۔’’اور شاید میں نہیں بدلوں گا اس لیے کہ کچھ چیزیں نہیں بدلتیں۔ ‘‘ وہ دونوں پھر خاموش ہو گئے۔
کچھ دیر بعد مونا نے پوچھا۔’’منیر میری زندگی کا مقصد اور لائحۂ عمل تو طے ہے اور تم اس سے واقف ہو آج شام کو پارٹی ہے کل سے چار دنوں تک انتظامی اور کاروباری میٹنگیں ہیں اور پھر جمعہ کو ہندوستان واپسی لیکن کیا میں جان سکتی ہوں کہ تمہارا کیا پروگرام ہے؟‘‘
منیر بولا۔’’میرا پروگرام اس طرح سے ہے کہ میں اب دوسرے کمرے میں منتقل ہو جاؤں گا اس کے بعد شام کی واپسی کا ٹکٹ بک کرا کے ہندوستان روانہ ہو جاؤں گا اور اس کے بعد…‘‘
مونا نے کہا۔’’بولو منیر اور اس کے بعد؟‘‘
منیر بولا۔’’اور پھر اس کے بعد پھر وہی اپنی پرانی پاپولر بک اسٹال کی صاف صفائی کر کے اسے کھول کر بیٹھ جاؤں گا۔‘‘
مونا نے کہا۔’’منیر تم کٹھن سے کٹھن صورت حال میں بھی مذاق کر لیتے ہو۔یہ تمہاری سب سے بڑی خوبی ہے۔‘‘
’’مونا یہ مذاق نہیں حقیقت ہے اور ہر حقیقت کی طرح تلخ۔‘‘
چند لمحوں بعد بیرا منیر کا سامان منتقل کرنے کی خاطر کمرے میں آ گیا۔ منیر نے اپنا سامان اسے دے دیا۔وہ بچوں کے کھلونے، وہ کپڑے، وہ جھولا، وہ گاڑی کو دونوں خالی خالی نگاہوں سے تکنے لگے۔
مونا نے پوچھا۔’’یہ سب؟‘‘
منیر بولا۔’’یہ وہ خواب ہیں جو تمہارے بغیر ادھورے ہیں اس لیے میں انہیں تمہارے ساتھ چھوڑے جاتا ہوں خدا حافظ۔‘‘
مونا نے کہا۔’’خدا حافظ۔ ‘‘ دروازہ بند کیا اور بچوں کی طرح رونے لگی۔ نہ جانے کتنے سال بعد وہ روئی تھی اور روئی بھی ایسے کہ بس روتی رہی۔ یہاں تک کہ دوپہر کو اس نے روہت کو فون پر بتلایا کہ اس کی طبیعت ناساز ہو گئی اور پارٹی میں شریک ہونے سے معذرت چاہتی ہے۔ روہت پریشان ہو گیا اس نے ڈاکٹر کے ساتھ آنے کی پیش کش کی لیکن مونا نے منع کر دیا۔ اس نے کہا کہ اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا جائے۔ اس نے گذارش کی کہ اس کے آرام میں خلل اندازی نہ کی جائے۔ روہت کی سمجھ میں کچھ نہ آ رہا تھا لیکن اس نے پھر اپنی خدمات پیش کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کر کے فون بند کر دیا۔
روہت اور مونا گذشتہ دس سالوں سے ایک ساتھ کام کر رہے تھے لیکن مونا نے اس طرح کے رویہ کا اظہار پہلی بار کیا تھا۔ وہ اس کی کوئی توجیہہ نہیں کر پا رہا تھا خاص طور سے اس دن جس دن سن ٹکنالوجی میں وہ نہ صرف حصہ دار بن گئی تھی بلکہ تمام انتظامی امور کے اختیارات بھی اس کو سونپ دیئے گئے تھے۔
منیر نئے کمرے میں کیا آیا کہ نئی زندگی میں آ گیا۔ ایک ایسی زندگی جس میں سن ٹکنالوجی کا سورج نہ تھا بلکہ اندھیرا ہی اندھیرا تھا۔ اس نے کبھی سوچا نہ تھا کہ یہ سورج اس طرح اچانک غروب ہو جائے گا۔ پچھلی مرتبہ رات کے بعد آنے والی رات اس کی زندگی میں نئی صبح بن گئی تھی اور اس مرتبہ دن کے بعد آنے والا دن اس کو اماوس کی رات لگ رہا تھا۔امریکہ کی رات بھر اور ہندوستان کے دن بھر جاگنا اپنا اثر دکھلا رہا تھا وہ سو گیا۔ شام میں فون کی گھنٹی بجی یہ جگانے والا(wakeup call) تھا وہ اٹھا اور سامان سمیٹ کر نیچے آیا۔ کار ایئر پورٹ جانے کے لیے تیار تھی۔ ہوٹل سے ایئر پورٹ کے راستہ میں جب کار ’’زیرولینڈ‘‘ کے پاس سے گذرنے لگی تو اس نے ڈرائیور سے کہا وہ گاڑی روک دے۔ وہ نیچے اُترا اور جنگلے کے پاس جا کر کھڑا ہو گیا۔ اسے ایسا لگا جیسے وہ کسی قبرستان کی دیوار کے پاس کھڑا ہوا سامنے جڑواں ٹاور کی یادگار کو دیکھ رہا ہے جیسے یہ دو قبریں ہیں جن کے نیچے مونا اور منیر کی محبت دفن ہے۔اس کی آنکھوں سے دو آنسو ٹپکے اور زمین میں جذب ہو گئے۔ منیر نے آنکھوں کو پونچھا اور واپس گاڑی میں بیٹھ گیا۔ گاڑی کے ڈرائیور نے سوچا کہ شاید منیر اپنے کسی عزیز کی موت پر آنسو بہا رہا ہے حالانکہ وہ اپنی محبت کا ماتم کر رہا تھا۔
نیو یارک سے لندن کا سفر منیر نے اپنے آپ کو دوبارہ پرانے حالات میں adjust کرنے میں صرف کیا۔ وہ دوکان، وہاں کے حالات، وہاں کے گاہک اور پھر بات جب مونا تک پہنچی تو پھر وہ پریشان ہو گیا۔ اپنی پریشانی کو دور کرنے کے لیے اس نے آنکھیں بند کر لیں اور جب آنکھ کھلی تو جہاز لندن ایئر پورٹ پر اُتر چکا تھا۔ یہاں اسے دو گھنٹہ گذارنا تھا اور اس کے بعد جب وہ ممبئی کی فلائیٹ میں سوار ہوا تو اپنے بغل میں ویپرو کے عظیم پریم جی کو دیکھا۔ اس سے پہلے کہ وہ اپنا تعارف کرتا عظیم بھائی نے خود اپنا تعارفی کارڈ اپنے ساتھی مسافر منیر کو دیا اور اپنا تعارف کرایا۔
’’مجھے عظیم پریم جی کہتے ہیں۔ ‘‘
منیر بوکھلا گیا۔ اس نے اپنا کارڈ عظیم کی جانب بڑھایا۔ جسے دیکھ کر وہ بھی چونک پڑا۔
’’اوہ منیر مونا گونسالویس۔‘‘
’’نہیں جناب میرے کارڈ پر منیر عباس بک والا لکھا ہوا ہے۔‘‘
’’ہاں ہاں میں دیکھ رہا ہوں لیکن ہماری دنیا میں مونا کو مونا منیر عباس اور منیر کو منیر مونا کے نام سے ہی جانتے ہیں۔ میں جانتا ہوں تم دونوں نے مل کر سن ٹکنالوجی کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا ہے۔ کیا تمہیں پتہ ہے تمہارے مسابقین تمہیں کس نام سے یاد کرتے ہیں ؟‘‘
’’نہیں۔ ‘‘ منیر بولا۔
’’راہو کیتو۔اس لیے کہ تم دونوں جس پراجکٹ میں ہاتھ ڈال دیتے ہو پھر اس سے متعلق تمام لوگوں کے ستارے گردش میں آ جاتے ہیں۔ لوگ واقعی مونا اور منیر کے ساتھ کو رشک و حسد کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ‘‘
منیر نے کہا۔ ’’آپ کی باتیں صحیح ہیں لیکن فرق صرف یہ ہے کہ اب یہ سب تھا ہو چکا ہے۔‘‘
’’اچھا۔کیا مطلب؟‘‘ عظیم نے پوچھا۔
’’میں نے سن ٹکنالوجی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔‘‘
’’یہ خبر عظیم کے لیے بجلی سے کم نہ تھی وہ جانتا تھا کہ اس کے اول نمبر کی پوزیشن کو سب سے زیادہ خطرہ سن ٹکنالوجی سے ہے اور سن سے ہے مطلب مونا اور منیر سے۔ ان دونوں کا جدا ہو جانا اس کے لیے سب سے بڑی خوش خبری تھی لیکن وہ نہیں چاہتا تھا کہ یہ دونوں دوبارہ ایک دوسرے سے جا ملیں اور ایسا کرنے سے روکنے کی بس ایک صورت تھی۔ عظیم پریم جی کا دماغ سپر کمپیوٹر سے بھی زیادہ تیزی سے چل رہا تھا۔ اس نے منیر سے کہا۔
’’منیر ویپرو میں ٹاپ پوزیشن خالی ہے یہ تو تمہیں پتہ ہی ہو گا۔‘‘
منیر نے کہا۔’’نہیں میں نے آج تک سن کے باہر کیا کچھ ہو رہا ہے یہ جاننے کی کوشش ہی نہیں کی۔‘‘
’’ہاں ہاں جانتا ہوں یہ تو مونا کا شعبہ ہے۔ خیر میں تمہیں ویپرو میں وہ پوزیشن آفر کرتا ہوں۔ ہمارے یہاں تمہیں وہ سب ملے گا جو سن ٹکنالوجی میں حاصل تھا بلکہ اس سے زیادہ اور ایک خاص بات یہ ہے کہ تم ہمارے یہاں منیر نہیں بلکہ مونا ہو گے۔‘‘
تقدیر کے اس اُلٹ پھیر نے منیر کو دیوانہ بنا دیا تھا۔ لیکن وہ سوچ رہا تھا کہ منیر مونا بن جانے کے باوجود کیا مونا کے بغیر خوش رہ سکے گا؟ اور کیا مونا منیر کے بغیر خوش رہ سکے گی؟
’’نہیں شاید نہیں۔ ‘‘ وہ منہ ہی منہ میں بڑبڑایا۔
عظیم نے پوچھا۔’’ کیا نہیں ؟‘‘
منیر نے کہا۔ ’’نہیں نہیں میرا مطلب ہے ہاں ہاں مجھے آپ کی آفر منظور ہے۔ میں آپ کی کرم فرمائی کے لیے آپ کا مشکور ہوں۔ ‘‘
دو گھنٹے بعد منیر اس مقام پر پہنچ گیا تھا جہاں مونا دوسال بعد پہنچنا چاہتی تھی۔
٭٭٭

ڈاکٹر سلیم خان کے کہانیوں کے مجموعے ’حصار‘ سے ماخوذ
تشکر: ڈاکٹر سلیم خان جنہوں نے فائل فراہم کی
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

مونا گونسا لویس