نانگا پربت کے جھرنوں میں
ڈاکٹر محمد اقبال ہما
{انتساب}
اپنے قابلِ احترام اور شفیق اساتذہ بالخصوص: چوہدری محمد امین صاحب
چوہدری عبد الحق صاحب
راؤ نعمت الٰہی صاحب
پروفیسر شفقت حسین صاحب
پروفیسر انعام الٰہی فاروقی صاحب
پروفیسر مسعود احمد جیلانی صاحب
اور پروفیسر محمد اسحاق صاحب
کے نام جن کی پُر خلوص، بے لوث اور انتھک محنت کے طفیل رب العزّت نے مجھے لفظوں کو استعمال کرنے کی صلاحیت عطا فرمائی۔
انہیں پتھروں پہ چل کر اگرا سکو تو آؤ
’’فیریمیڈوز‘‘ کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں ہے
جو چمن کی حیات کو ڈس لے::اُس کلی کو ببول کہتا ہو ں
’’میں نے تصور میں ان تجاوزات کو فیری میڈوز کے مجموعے سے تفریق کر دیا تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ جیسے دنیا ہی بدل گئی۔ فیری میڈوز کا حسن تو واقعی لازوال تھا … یہ تو خو د دعوت دیتا ہو گا کہ آؤ اور مجھے پیارکرو … اور پیار کرنے والے حد سے بڑھ گئے … فیری میڈوز کے ساتھ اجتماعی گینگ ریپ ہو گیا … اور اس کا ساراحسن برباد کر دیا گیا۔ اس ریپ کے بعد ہی اللہ تعالیٰ نے پریوں کو واپس بلا کر گھوڑوں اور بکریوں کو فیری میڈوز پر مُسلّط کر دیا … اس طرح فیری میڈوز سے فیری تو غائب ہو چکی تھی … چند سالوں بعد میڈوز کا بھی صفایا ہونے والا تھا۔ یہ حقیقت جان کر میرا دل بجھ گیا اور ایک اداسی مجھ پر طاری ہو گئی۔ ‘‘
٭٭٭
{عرض کِیا ہے۔ ۔ ۔ ۔ }
یہ کتاب پڑھتے ہوئے اگر آپ کو وقت ضائع ہونے کا احساس نہ ہو تو ذرا دھیان رکھئے گا کہ یہ کتاب میں نے لکھی ہے اور میں ہی آپ کی تعریف و توصیف کا مستحق ہوں ۔ کتاب پڑھتے ہوئے اگر آپ کا خون کھولنے لگے اور اس کتاب کی اشاعت میں ملوّث افراد کے لئے آپ کوئی ناقابلِ بیان سزا تجویز کرنے پر آمادہ ہوں تو میں حلف اُٹھانے کے لئے تیّار ہوں کہ اس کتاب کو لکھنے اور شائع کرانے کے سزاوار میری دلچسپی اور شوق کے بجائے دوستوں کے طعنے ہیں جن سے تنگا کر ایک ڈاکٹر نے سفرنامہ لکھنے جیسی ’’غیر طبیبانہ‘‘ حرکت کر ڈالی۔ آپ سے عاجزانہ درخواست ہے کہ مجرمان کی فہرست کو چوہدری طاہر محمود آصف، شیخ خالد مسعود ساجد اور راؤ بشارت تک محدود رکھیں ،آپ کی عین نوازش ہو گی۔ یہ مختصر فہرست اگر آپ کے جذبہ انتقام کی تسکین لئے ناکافی ہو تو جناب تنویر سیٹھی صاحب (جن کے تین شعری مجموعے قارئین سے سندِ قبولیت حاصل کر چکے ہیں ) اور ان کی ادبی تنظیم ’’ادب پریت ‘‘ کے ارکان کو بھی اس میں شامل کر لیں ، مجھے دلی خوشی ہو گی، کیونکہ انہی کی رائے کو مستند سمجھتے ہوئے میں نے یہ کتاب شائع کروانے کا فیصلہ کیا۔
نانگا پربت بیس کیمپ ٹریک کا فیصلہ ہوا تو شیخ خالد مسعود صاحب نے اس کی روداد ایک اخباری فیچر کے طور پر شائع کروانے کا ارادہ ظاہر کیا اور مجھے مجوّزہ فیچر کے لئے موّاد مہیّا کرنے کی اضافی ذمّہ داری سونپ دی۔ اس ذمّہ داری کو بحسن و خوبی پورا کرنے کی خاطر ٹریکنگ کے دوران میرا اہم ترین مشغلہ سفری نوٹس مرتب کرنا رہا۔ میں ہمہ وقت کاغذ پنسل سنبھالے دلچسپ اور معلوماتی مواد کی تلاش میں سر گرداں رہا جس کے نتیجے میں مجھے حیرت انگیز معلومات کا بیش بہا خزانہ حاصل ہوا۔ اخباری فیچر شائع ہونے کا مرحلہ آیا تو حسبِ روایت اور شہرہ آفاق ’’ناگزیر وجوہات‘‘ کی بنا پر یہ ممکن نہ ہو سکا۔ دوستوں نے فقرے کسے کہ بیچارے ڈاکٹر صاحب نے لکھنے لکھانے کہ چکر میں ٹریک کو بھی پوری طرح انجوائے نہیں کیا اور محنت بھی ضائع گئی۔ طنز آمیز تبصروں میں رحم آمیز جذبات کا عنصر بڑھتا گیا تو تنگ آمد بجنگ آمد پر عمل کرتے ہوئے میں نے اس کتاب کی داغ بیل ڈالی۔
پاکستان کے شمالی علاقہ جات پر بہت کچھ لکھا گیا ہے۔ صرف نانگا پربت پر عالمی معیار کی ایک درجن سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں ۔ ازابیل شا کی ’’ٹریکنگ ان پاکستان‘‘ کوہ نوردوں کے لئے ایک اثاثے کی حیثیت رکھتی ہے۔ لیکن یہ سب کچھ انگلش میں ہے۔ اس ضمن میں اردو کے دامن میں محترم مستنصر حسین تارڑ صاحب کے سفر ناموں کے علاوہ شاید چند ایک کتابیں اور ہوں جو اردو دان طبقہ کے لئے یقیناً ناکافی ہیں ۔ ٹریک شروع کرنے سے پہلے میں نے نانگا پربت، فیری میڈوز اور شاہراہِ قراقرم کے بارے میں معلومات حاصل کرنا چاہیں تو مجھے جو کچھ ملا انگلش میں ملا۔ دورانِ سفر ایسی معلومات حاصل ہوئیں جو میرے لئے نئی تھیں اور میرے خیال میں ان کا پاکستان کے اردو دان طبقہ تک پہنچنا ضروری نہیں تو بہتر ضرور ہے، خاص طور پر ان لوگوں تک جو نانگا پربت بیس کیمپ تک ٹریکنگ کرنا چاہتے ہیں ۔ اسی گمان پر یہ ’’سفرنامچہ‘‘ پیشِ خدمت ہے:
گر قبول افتد زہے عزّ و شرف
ڈاکٹر محمد اقبال ہما ۲۵ جون ۲۰۰۶ ٭٭٭
{ہر لحظہ ہے مومن کی نئی آن نئی شان}
مناظرِ فطرت سے لطف اندوز ہونے کا ذوق انسانی جبلّت میں شامل کر دیا گیا ہے اور ہر انسان فطری طور پر اِس ذوق کی تسکین کا خواہاں ہے۔ مختلف النّوع جذبوں کی طرح یہ بھی ایک ایسا جذبہ ہے جو ہر انسان میں کسی نہ کسی وقت ضرور ظاہر ہوتا ہے۔ اس جذبہ کی شدت میں کمی بیشی تو فطری ہے، اس کے وجود سے یکسر انکار ممکن نہیں ۔
پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے بلند و بالا پہاڑ، وسیع و عریض سبزہ زار اور پُر شور دریا اللہ تعالیٰ کی صنّاعی کا دلفریب شاہکار ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی قدرت کاملہ پر ایمان کو مزید پختہ کر دیتے ہیں ۔ ہر شخص اپنے روزمّرہ کے ماحول سے فرار حاصل کر کے جب فطرت کے طلسمِ ہوشربا میں داخل ہوتا ہے تو ماحول کے سحر میں گرفتار ہو کر کچھ وقت کے لئے دُنیا کی اُلجھنوں سے آزادی حاصل کر لیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلک بوس چوٹیوں سے آراستہ وطنِ عزیز کے کچھ علاقے جو اپنی خوبصورتی اور کشش کے باعث پوری دنیا میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، اوائلِ مئی سے ستمبر کے آخر تک کوہ نوردوں اور کوہ پیماؤں کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں ۔ دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں افراد سیزن کے دنوں میں ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں ۔ ان علاقوں کو کوہ نوردوں اور کوہ پیماؤں کی ارضی جنت سے تشبیہہ دی جاتی ہے۔
ایک معروف یورپین ایڈوینچر رائٹر ’’ڈیوڈرچ‘‘ نے دنیا کے خوبصورت ترین پہاڑی مقامات کا موازنہ کیا ہے،اپنے تجزیہ میں وہ لکھتا ہے:
’’اگر دنیا کے ایسے خوبصورت ترین پہاڑی مقام کے انتخاب کا مرحلہ درپیش ہو جہاں لوگ اپنی تفریحی چھٹیاں گزارنا پسند کرینگے تو جو مقامات فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گے وہ غالباً یہ ہوں گے:
فرانس،سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کے کوہِ ایلپس
نیپال کے اناپورنا اور ایورسٹ
سپین کا کوہِ سیرانویدا
جنوبی امریکہ میں ہزاروں میل میں پھیلا ہوا کوہِ اینڈیز
چلّی اور شمالی امریکہ کے آتش فشاں
نیوزی لینڈ میں جنوبی کوہِ ایلپس
واشنگٹن سے کولوراڈو تک پھیلے ہوئے راکی ماؤنٹینز
لیکن پاکستان کا وہ خطہ جہاں دنیا کی چودہ بلند ترین چوٹیوں میں سے پانچ موجود ہیں ، یہ انتخاب بلا مقابلہ جیت لے گا کیونکہ ان چوٹیوں کا دامن ان گنت خوبصورت جھیلوں ، قطبین کے بعد عظیم ترین گلیشیئرز اور دنیا کے بلند ترین وسیع و عریض سبزہ زاروں سے بھرا ہوا ہے۔ ‘‘
جانِ فردوس ہیں تیرے کوہ و دمن
زندہ باد اے وطن زندہ باد اے وطن
پاکستان کے یہ سحر انگیز علاقے اپنے چاہنے والوں کو قصّۂ حاتم طائی کے کوہِ ندا کی مانند ہر سال پکارتے ہیں اور یہ ممکن ہی نہیں کہ اس پکار پر دھیان نہ دیا جائے، چنانچہ ہزاروں پروانے بے بس ہو کران کی جانب کھنچے چلے آتے ہیں ۔ مشہور سکاچ کوہ نورد، ما ہر ارضیات اور مصنّف جان موئر ایک جگہ لکھتا ہے:
’’ پہاڑ مجھے پکارتے ہیں تو مجھے جانا ہی پڑتا ہے۔ ‘‘
مجھے ان پروانوں میں شامل ہونے کا نہ تو دعویٰ ہے اور نہ ہی ہمت،البتہ زمانۂ طالب علمی میں چترال،سوات اور ناران سے شناسائی ہوئی تو شمالی علاقہ جات کی زیارت کا شوق پیدا ہوا جو غم روزگار کی بھول بھلیّوں میں گم ہو گیا۔ پانچ سال پہلے اسی خوابیدہ شوق نے انگڑائی لی تو گلگت اور ہنزہ کا رُخ کیا۔ راکا پوشی کے جلووں کی چھاؤں میں گزرے ہوئے یہ لمحات کتابِ زندگی کا ناقابلِ فراموش باب بن چکے ہیں ، لیکن اُسی دوران ایک خواہشِ ناتمام نے بھی دل میں بسیرا کر لیا تھا جو بار بار سر اُٹھاتی اور سختی سے کچلی جاتی رہی۔
میں ہارون آباد سے گلگت کے لئے روانہ ہونے لگا تو محترم ڈاکٹر ارشد صاحب ڈینٹل سرجن، اور ڈاکٹر محمد اسلم صاحب ڈپٹی۔ ڈی۔ ایچ۔ او نے نصیحت فرمانے کی کوشش کی :
’’دیکھو یار گلگت جا رہے ہو تو فیری میڈوز ضرور جانا۔ ‘‘
’’فیری میڈوز کیا چیز ہے اور کہاں ہے؟‘‘
’’تم نے فیری میڈوز کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کیں ؟‘‘
ـ ’’نہیں ۔ ‘‘
’’پھر گلگت کیا کرنے جا رہے ہو؟‘‘
میں خاموش رہا۔
جواب میں ’’جھک مارنے ‘‘ کہتا تو ارشد صاحب کے ناراض ہونے کا خدشہ تھا۔ وہ بہت زود رنج انسان۔ ۔ ۔ ۔ سوری۔ ۔ ۔ ۔ زود رنج ڈاکٹر ہیں ۔
’’فیری میڈوز کا مطلب ہے پریوں کا مسکن !بلکہ پریوں کی چرا گاہ ! اور یہ نانگا پربت کے دامن میں ایک وسیع و عریض سبزہ زار ہے جو سیزن کے دِنوں میں پھولوں کے تختوں سے ڈھکا ہوتا ہے اور اپنے حسن و جمال کے لئے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ ‘‘ اسلم صاحب نے بتایا۔
’’آپ نے دیکھا ہے فیری میڈوز؟‘‘ میں نے ان کی معلومات سے مرعوب ہوتے ہوئے پوچھا۔
’’ہم نے گزشتہ سال کوشش کی تھی لیکن تاتو گاؤں سے آگے نہ جا سکے، کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستہ بند تھا۔ لیکن سُنا یہی ہے کہ فیری میڈوز قابلِ دید مقام ہے،اُسے خواہ مخواہ ہی تو پریوں کے مسکن سے تشبیہ نہیں دی گئی۔ ‘‘
میں نے ان کی نصیحت امامِ ضامن سمجھتے ہوئے پلّو سے باندھ لی۔
ہارون آباد سے تو میں اکیلا ہی روانہ ہوا تھا، چار ساتھی وہاڑی سے اور چھ لاہور سے شامل ہوئے تو اچھا خاصا گروپ بن گیا۔ گلگت پہنچ کر ہم نے گردو نواح کی سیر کی اور ہُنزہ کے صدر مقام کریم آباد جا کر التت فورٹ اور بلتت فورٹ دیکھنے کے بعد گروپ کے ارکان سے فیری میڈوز جانے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ فیری میڈوز کا نام سن کر تمام ساتھی نہ صرف حیران ہوئے بلکہ پریشان بھی ہو گئے اور مجھے یوں گھورنے لگے جیسے میرے سر پر سینگ نکل آئے ہوں ۔
’’آپ لوگوں کو کیا ہو گیا ہے؟ ‘‘ میں نے بوکھلا کر پوچھا۔
’’آپ فیری میڈوز جانا چاہتے ہیں ؟‘‘ گروپ لیڈر خالد ملک نے انتہائی جارحانہ انداز میں پوچھا۔
میں نے اثبات میں سر ہلانے پر اکتفا کیا۔
’’کل جب التت فورٹ گئے تو دو گھنٹہ پیدل چلنے میں آپ کو سانس چڑھ گیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ ٹھیک کہہ رہا ہوں ناں ؟‘‘
میں چپ رہا۔
’’اور پرسوں بلتت فورٹ کی معمولی سی چڑھائی چڑھتے ہوئے آپ نے کم از کم دس مرتبہ ریسٹ کیا تھا ؟‘‘
اِنکار بھی مشکل ہے کچھ کہہ بھی نہیں سکتے والی کیفیت تھی لیکن جواب تاثّرات میں پنہاں ہو کر چہرے پر چسپاں ہو گیا تھا۔
’’اور آپ فیری میڈوز جائیں گے؟ ‘‘ اس نے استہزائیہ قہقہہ لگایا۔
’’آخر ہو اکیا ہے؟ بات تو پوری کریں ۔ ‘‘ میں نے جھنجھلا کر کہا۔
’’جنابِ والا کی خدمت میں فدوِیانہ عرض ہے کہ فیری میڈوز جانے کے لئے کم از کم پانچ گھنٹے پیدل ٹریک کرنا پڑتا ہے۔ خیال رہے کہ یہ التت فورٹ جیسی آسان سڑک نہیں ہے اچھی خاصی عمودی چڑھائی ہے اور باقاعدہ قسم کے ٹریکرز بھی پلاننگ کے بغیر وہاں نہیں جاتے۔ آپ کو پتا ہو گا کہ اس چڑھائی کو تارڑ صاحب نے ’’بڑی کُتّی چڑھائی‘‘ کا نام دیا ہے۔ مجھے سو فیصد یقین ہے کہ فیری میڈوز ٹریک آپ کے بس کا روگ نہیں ،اور آپ کے ’’گوڈے گِٹّے‘‘ آدھے راستے میں ہی جواب دے جائیں گے۔ پھر کیا ہو گا؟‘‘
’’ہو گا کیا؟ تم ٹیم لیڈر ہو،ڈاکٹر صاحب کو گود میں اُٹھا کر فیری میڈوز لے جانا۔ ‘‘ طاہر نے مشورہ دیا۔
’’تم مجھے اتنا بدذوق سمجھتے ہو؟‘‘ خالد نے طاہر کو گھورتے ہوئے پوچھا۔
میں نہ صرف اپنا سے منہ لے کر رہ گیا بلکہ باقاعدہ خجل بھی ہو گیا۔
میں نے اِدھر اُدھر سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تو اندازہ ہوا کہ جتنا مجھے ڈرایا جا رہا ہے اتنا بڑا مسئلہ بھی نہیں ، البتہ تین چار اضافی دن درکار تھے۔
میں نے گروپ میں شامل اپنے قریبی دوستوں ڈاکٹر طاہر،رانا یونس اور سعید کو ورغلانے کی اچھی خاصی کوشش کر ڈالی کہ کیوں نہ ہم لوگ گروپ سے علیحدہ ہو کر ذرا فیری میڈوز تک ہو آئیں ۔ لیکن انہوں نے اِس تجویز کو انتہائی احمقانہ قرار دیتے ہوئے سو فیصد اکثریت سے ویٹو کر دیا۔ میرا اِصرار اور اُن کا اِنکار واپسی تک جاری رہا اور میں فیری میڈوز جانے کی ننّھی مُنّی خواہش دل میں بسائے واپس ہارون آباد آ گیا۔ ڈاکٹر ارشد اور اسلم کو علم ہوا کہ میں فیری میڈوز نہیں گیا تو وہ بہت خفا ہوئے اور کئی دن تک میرا مذاق اُڑاتے رہے۔
’’ایہہ اپنے سرجن صاحب گلگت وچہ کی ویکھن گئے سی؟‘‘ ڈاکٹر ارشد ڈاکٹر اسلم سے پوچھتے۔
’’التت فورٹ۔ ‘‘ ڈاکٹر اسلم پٹھانوں کے انداز میں جواب دیتے۔
’’ہور؟‘‘
’’بلتت فورٹ۔ ‘‘
’’گلگت وچہ ویکھن والی ہور کوئی شے نئیں ؟‘‘
’’ہے ناں ۔ ‘‘
’’کی؟‘‘
’’التت فورٹ تے بلتت فورٹ۔ ‘‘
کئی دن تک یہ مکالمہ ہماری ملاقات میں سلام کی جگہ استعمال ہوتا رہا۔
اگلے سال میرا تبادلہ وہاڑی یعنی ہوم ٹاؤن میں ہو گیا اور میں نے طاہر، یونس اور سعید کو اسی مکالمے کے ذریعے زچ کر ڈالا۔ جس سے بھی ملاقات ہوتی میرا پہلا سوال یہی ہوتا۔
’’ہم گلگت کیا دیکھنے گئے تھے؟‘‘
وہ چپ رہتے،اور میں خود ہی جواب دیتا۔
’’التت فورٹ،بلتت فورٹ۔ ‘‘
وہ اتنے زچ ہوئے کہ ایک اور ٹرپ کے لئے تیّار ہو گئے۔
ہر سال کہیں نہ کہیں جانے کے منصوبے بنتے رہے لیکن بات َمری،پتریاٹہ، ایّوبیہ اور نتھیاگلی سے آگے نہ بڑھ سکی۔
اچانک طاہر دانیوال کے دل میں ایک مرتبہ پھر پہاڑ پر جانے کی دھُن سوار ہو گئی۔
مو صوف کا پورا نام ڈاکٹرطاہر حسین شاہدبھٹی ہے جبکہ والدہ محترمہ اُنھیں طاہر دانیوال کہتی ہیں کیونکہ وہ دانیوال ٹاؤن میں رہتے ہیں ،ان کی اور میری دوستی تین عشروں پر محیط ہے۔ گلگت اور جھیل سیف الملوک کے سفر میں یہی طاہر دانیوال ساتھ تھے۔ حسنِ اتّفاق کہ ایک دن انھوں نے نیشنل جیو گرافک چینل پر نانگا پربت کے بارے میں ایک دستاویز ی پروگرام دیکھ لیا، جس میں فیر ی میڈوز کے مناظر بھی شامل تھے۔ کوہ نور دی کے تھوڑے بہت جراثیم ان میں بھی پائے جاتے ہیں ، اس لئے اُنھوں نے نانگا پربت بیس کیمپ اور فیری میڈوز کے ٹریک کی تجویز پیش کر دی۔ اُس وقت دو تین اور دوست بھی موجود تھے۔ میری دِلی مُراد بَر آئی، لیکن اُنھیں پَکّا کرنے کے لئے میں نے ذرا تذبذب کا اظہار کیا۔
’’یار وہاں کیا رکھا ہے،سب کچھ تو ٹی وی پر دیکھ لیا ہے۔ خواہ مخواہ ہفتہ دس دن کی پریکٹس کا نقصان ہو گا۔ ‘‘
’’ڈاکٹر صاحب ہر وقت پیسے کے پیچھے نہ دوڑا کریں ۔ کبھی کبھی ضمیر جعفری کے شعر پر بھی عمل کر لیا کریں ۔ ‘‘ شیخ خالد مسعود نے کہا جو روزنامہ خبریں کے بیورو چیف ہیں اور کچھ کچھ ادبی ذوق رکھتے ہیں ۔
’’کیا فرماتے ہیں ضمیر صاحب بیچ اِس مسئلے کے؟‘‘
’’اُنھوں نے فرمایا ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہر لحظہ ہے مومن کی نئی آن نئی شان۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’شیخ صاحب خُدا کا خوف کریں ، یہ شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا شعر ہے۔ ‘‘ میں نے بات کاٹی۔
’’جناب پورا تو سُن لیں ۔ ‘‘
’’ہرگز نہیں ، میں کلام اقبال کو ضمیر جعفری کے نام سے نہیں سُن سکتا۔ ‘‘
’’آپ سنیں تو سہی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں بھی اتنا بد ذوق نہیں ہوں ۔ ‘‘
’’سُناؤ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن خُدا کے لئےا سے ضمیر جعفری سے منسوب نہ کرو۔ ‘‘
’’ تسی سن تے لیو اعتراض بعد وچہ کر لینا۔ ‘‘ رشید چوہدری صاحب نے سفارش کی۔
شیخ صاحب نے شعر مکمل کیا۔
ہر لحظہ ہے مومِن کی نئی آن نئی شان
تولہ کبھی ماشہ کبھی گلگت کبھی کاغان
سب ہنسنے لگے اور میں شرمندہ ہو گیا۔
’’میں نے شعر میں معمولی سی ترمیم کر دی ہے۔ ‘‘
’’وہ کیا؟‘‘
’’ضمیر صاحب نے گلگت کی جگہ سکھر کہا ہے۔ ‘‘
’’کوئی بات نہیں ۔ ۔ ۔ یہ ترمیم حسبِ حال بھی ہے اور آپ کے ذوق کی آئینہ دار بھی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ میں نے کھُلے دِل سے داد دی۔
تیار تو خیر میں تھا ہی … تھوڑے سے بحث و مباحثہ کے بعد آمادگی کا اظہار کر دیا۔ دو اور قریبی دوست محمد عمر اور چوہدری رشید کمبوہ بھی اُسی وقت تیّار ہو گئے … تین چار اور دوستوں مثلاً ملک سلیم،شیخ خالد مسعود، رانا یونس اور طاہر محمود آصف نے بھی آمادگی کا اظہار کیا۔ شیخ خالد مسعود صاحب نے مجھے ایک اضافی ذمہ داری سونپتے ہوئے فرمایا۔
’’ڈاکٹر صاحب آپ کی انگریزی ذرا ٹھیک ہے،جتنے غیرملکی باشندوں سے ٹور کے دوران ہماری ملاقات ہو آپ پاکستان کے بارے میں اُنکے خیالات سے آگاہی حاصل کریں ، جن مقامات پر ہم جائیں وہاں کے بارے میں ہر ممکن حد تک درست اور تفصیلی معلومات اکٹھی کر لیں ، خاص طور پر نانگا پربت اور فیری میڈوز کے بارے میں !تاکہ خبریں کے لئے ایک اچھا سا فیچر تیّار کیا جا سکے۔ ‘‘
شیخ خالد مسعود صاحب اس ٹریکنگ پروگرام کے بارے میں بہت پُر جوش تھے … لیکن افسوس کہ بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر وہ ہمارے ساتھ نہ جا سکے جس کا انہیں عرصہ تک قلق رہا۔ ہمارے ساتھ نہ جانے کی وجہ سے خبریں کے فیچر میں ان کی دلچسپی کم ہو گئی اور اس کتاب کی داغ بیل پڑی۔ ابتدائی پروگرام کے مطابق ہمارا گروپ آٹھ افراد پر مشتمل تھا،جو مختلف وجوہ کی بنا پر آخر میں صرف چار افراد کا رہ گیا۔ گروپ ممبرز میں طاہر حسین شاہد،چوہدری محمد رشید کمبوہ اور چوہدری محمد عمر شامل تھے۔
٭٭٭
{افلاک سے آتا ہے نالوں کا جواب آخر}
تیرہ اگست ۲۰۰۵ء کو ہم لوگ روانہ ہوئے۔ بدقسمتی سے وہاڑی تا راولپنڈی ڈائریکٹ بس نہ مل سکی اور ہم نے براستہ فیصل آباد، راولپنڈی جانے کا فیصلہ کیا۔ پانچ گھنٹوں کے سفر کے بعد رات ساڑھے آٹھ بجے فیصل آباد پہنچے تو پتہ چلا کہ اس وقت کوئی اے۔ سی ٹائم راولپنڈی نہیں جاتا،اس لئے ہمیں پشاور یا اسلام آباد کی بس میں سفر کرنا پڑے گا جو ہمیں پشاور موڑ پر اتار دے گی۔ راولپنڈی کے بس اسٹینڈ تک جانے کے لئے ہمیں ٹیکسی لینا پڑے گی کیونکہ گلگت کے لئے بس وہیں سے ملے گی۔ با دلِ نا خواستہ ہم پشاور کی بس میں بیٹھ گئے۔ پروگرام کی اس معمولی سی تبدیلی نے طبیعت کچھ مکدّر کر دی تھی اور اللہ تعالیٰ سے شکوہ پیدا ہو رہا تھا کہ اس نے ہمارے لئے وہاڑی سے ہی پنڈی کی بس مہیا کرنا کیوں مناسب نہ سمجھا؟ اب پتہ نہیں رات کے دو بجے ٹیکسی ملے گی بھی یا نہیں ؟ مل بھی گئی تو ڈرائیور منہ مانگے دام وصول کرے گا اور آدھے پونے گھنٹے کی کوفت الگ ہو گی۔ اگر ہمیں وہاڑی سے ہی ڈائریکٹ بس مل جاتی جو سیدھی راولپنڈی کے بس اڈے پر اُتار دیتی تو کیا مضائقہ تھا؟
ہمارا سفر خاصا طویل تھا اور آغاز میں ہی اتنی چھوٹی چھوٹی باتوں پر شکوہ کرنا مناسب نہ تھا لیکن ہمارا تبصرہ کچھ طویل اور لہجہ تلخ ہوتا جا رہا تھا۔
فرشتوں نے پہلے تو ہمارے اس نارَوا شکوے پر دھیان ہی نہ دیا،لیکن جب بات اُن کی برداشت سے باہر ہو گئی تو انہوں نے ہمارے الفاظ اور لہجے کو سنسر کئے بغیر اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کر دیا۔ اُس وقت غالباً رحمتِ خداوندی جوش میں تھی، دنیا کے رکھوالے نے ہمارے درد بھرے نالے کے لہجے کو نظر انداز کرتے ہوئے نفسِ مضمون کو مدّ نظر رکھا اور کارکُنانِ قضا و قدر کو فوری طور پر ہمارا مسئلہ حل کرنے کے احکامات صادر فرما دیئے۔
فرشتے پہلے تو دم بخود رہ گئے کیونکہ وہ ہمارے نامناسب انتخابِ الفاظ اور جسارتِ رندانہ پر عتاب کی توقع کر رہے تھے، لیکن حکمِ حاکم بلکہ حاکمِ حاکمان تھا اس لئے ہمیں راولپنڈی کے بس سٹینڈ تک پہنچانے کے انتظامات میں ہمہ تن مصروف ہو گئے۔ بارگاہِ خداوندی سے کیونکہ طریقۂ کار کی تفصیلات جاری نہیں ہوئی تھیں ،اس لئے اُنہیں اس قانونی سقم سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل گیا۔
ہم راولپنڈی سے سو کلو میٹر دور تھے کہ ہماری بس رک گئی۔ میں غنودگی میں تھا اس لئے کچھ دیر تو احساس ہی نہیں ہوا کہ بس رک چکی ہے۔ جب لوگ نیچے اترنا شروع ہوئے تو با قا عدہ آنکھ کھلی اور بس رکنے کا احساس ہوا۔ شیشے سے باہر جھان کا تو دیکھا کہ کچھ لوگ اگلے دروازے کے پاس کھڑے ہیں اور کھٹ پٹ کی آوازیں آ رہی ہیں ۔ میں نے سمجھا کہ بس پنکچر ہو گئی ہے اور دل کو تسلی دی کہ کوئی بات نہیں ! پندرہ بیس منٹ بعد سفر دوبارہ شروع ہوہی جائے گا۔ کافی دیر بعد بھی بس ٹس سے مس نہ ہوئی تو کسی گڑبڑ کا احساس ہوا، آنکھیں کھول کر دیکھا تو علم ہوا کہ بس کے باہر ہجوم میں خاصا اضافہ ہو چکا ہے۔ میں نے سوچا کہ شاید کوئی بڑا پنگا ہو گیا ہے۔ صورت حال کا جائزہ لینے نیچے اترا تو پتہ چلا کہ بڑا نہیں بلکہ بہت بڑا پنگا ہو چکا ہے۔ بس کا چیمبر پھٹ گیا ہے اور بس آگے جانے کے قابل نہیں ہے۔ میرے ساتھی ابھی تک خوابِ خرگوش کے مزے لے رہے تھے۔ انہیں جھنجھوڑ کر جگایا اور صورت حال سے آگاہ کیا۔ سب لوگ کنڈیکٹر سے کرایہ واپس لے کر پنڈی جانے والی بسوں کو روکنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن مسئلہ یہ تھا کہ موٹر وے پر کوئی ڈرائیور بس روکنے کے لئے تیار نہ تھا۔ یہاں ایک دو سواریاں تو تھیں نہیں ، پوری بس کے مسافر تھے۔ موٹر وے پر مجمع لگانا ویسے بھی جرم ہے اس لئے سمجھ میں نہیں آ رہا تھا کہ کیا کیا جائے۔ کسی نے ایمرجنسی پول سے موٹر وے پولیس کو فون کر دیا۔ اسی اثناء میں ایک دو بسیں رک بھی گئیں اور خوش قسمتی سے، لیکن کافی دھکّم پیل کے بعد ہم ایک بس میں سوار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اور یہ ایک ایسی بس تھی جو پشاور یا اسلام آباد نہیں سیدھی راولپنڈی جا رہی تھی، پیرو دھائی بس سٹینڈ پر!جہاں سے ہمیں گلگت کے لئے بس ملنا تھی۔
سبحان اللہ ! کتنی جلدی افلاک سے ہمارے نالوں کا جوابِ شکوہ عنایت فرما دیا گیا تھا۔
اس بس میں کئی معزّز بکرے اور بان کے مرغے سفر کر رہے تھے، جو اتنے سارے انسانوں کو بس میں سوار ہوتا دیکھ کر احتجاج پر اُتر آئے تھے۔ اندرونی فضا اُن کی مینگنیوں ، سگریٹ کے دھوئیں اور نسوار کی مہک سے معطّر تھی۔ یہ بس قدرتی ایئر کنڈیشنڈ تھی اور ٹوٹے ہوئے شیشوں سے گزر کر اندر آنے والی ہوا کے تھپیڑوں نے ہمیں خوابِ غفلت سے بہت دور رکھا۔ کیسٹ پلیئر پر انتہائی اونچی آواز میں کوئی پشتو گیت چل رہا تھا اور گاڑی کے انجن کی آواز پر حاوی ہونے کی ہر ممکن کوشش کر رہا تھا۔
اس بس نے ہمیں پشاور موڑ پر نہیں اُتارا، ہماری دُعاؤں کے طفیل جاری ہونے والے فرمانِ خداوندی کے عین مطابق ہمیں راولپنڈی کے پیر ودھائی بس اسٹاپ پر پہنچا دیا۔ رات کے دو بجے ہم اس سے برآمد ہوئے تو ایک دوسرے کو دیکھ دیکھ کر ہنس رہے تھے۔
ناردرن ایریا ٹرانسپورٹ کمپنی (NATCO)کا آفس اور بس سٹاپ پیر ودھائی کے بس سٹینڈ پر ہی ہے۔ ہم نے معلومات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ فی الحال آفس کے تمام دروازے بند ہیں جو صبح پانچ بجے کھلیں گے، تب ٹکٹیں ملیں گی۔ اب ہمارے پاس تین گھنٹے تھے اور بھوک اپنے عروج پر تھی کیونکہ ہم نے فیصل آباد میں کچھ نہیں کھایا تھا۔ سونے یا آرام کرنے کا وقت نہیں تھا لہٰذا ایک حمام میں جا گھسے۔ ٹھنڈے پانی نے سفر کی تھکاوٹ خاصی کم کر دی۔ غسل کے بعد ناشتے کی تلاش ہوئی اس وقت صرف پراٹھا اور آملیٹ مل سکتے تھے، انہیں پر اکتفا کیا۔ چوہدری رشید صاحب کے علاوہ سب نے چائے بھی پی۔ چوہدری صاحب خاندانی زمیندار ہونے کے ناطے چائے کے قریب پھٹکنا کسرِ شان سمجھتے ہیں اور خالص دہی کی لسّی کے دلدادہ ہیں ۔ لسّی کی باقاعدہ تلاش شروع ہوئی۔ لیکن اس وقت، یعنی رات کے تین بجے لسّی کا ملنا محال تھا، اس لئے چوہدری صاحب نے غصہ پینے پر اکتفا کیا اور راولپنڈی کی شان میں اچھی خاصی گستاخی کر ڈالی۔ انہوں نے لسّی کی افادیت اور چائے کی مذمت میں باقاعدہ تقریر فرمائی جس کا آغاز اس شعر سے کیا :
جس شہر میں ہر لمحہ میسّر نہ ہو لسّی
اس شہر کے ہر کھوکے و ہوٹل کو جلا دو
پانچ بجے کے قریب ہم لوگ دوبارہ ناٹکو کے بکنگ آفس کے سامنے موجود تھے لیکن دروازے اب بھی بند تھے۔ ہم نے آفس کے بیرونی دروازے پر دستک دی تو ایک نوجوان چوکیدار نمودار ہوا۔
’’کیا بات ہے؟ ‘‘ اس نے اُکھڑے ہوئے لہجہ میں پوچھا۔
’’بھائی صاحب گلگت کے لئے ٹکٹوں کا پتہ کرنا تھا‘‘ ۔
’’دروازہ پانچ بجے کھلے گا۔ ‘‘
’’پانچ تو بجے رہے ہیں ۔ ‘‘
’’نئی جی ابھی ڈھائی منٹ باقی اے۔ ‘‘
مجھے ناٹکو کی اس پابندیِ وقت پر خوشگوار حیرت ہوئی۔ ٹھیک پانچ بجے دروازہ تو واقعی کھل گیا،لیکن بکنگ کلرک غائب تھا۔ ہم سامان رکھ کر چھوٹے سے ویٹنگ روم کی بنچوں پر دراز ہو گئے۔ کافی دیر بعد بھی بکنگ کلرک کی کرسی خالی رہی تو ہم نے چوکیدار سے پوچھا:
’’جناب ٹکٹ کتنے بجے ملیں گے؟‘‘
’’پانچ بجے۔ ‘‘
’’پانچ تو بج گئے ہیں ، ٹکٹ کون دے گا؟‘‘
’’ٹکٹ صاب دے گا۔ ‘‘
’’ صاحب کہاں ہیں ؟ ‘‘
’’صاب سو رہا ہے۔ ‘‘
’’صاحب سو رہا ہے تو پانچ بجے ٹکٹ کیسے دے گا؟‘‘
’’پتہ نہیں صاب!‘‘ گارڈ نے بیزاری سے جواب دیا ’’صاب نے اپنی گھڑی کا الارم لگایا اے جب اس میں پانچ بجے گا تو صاب اُٹھے گا۔ ‘‘
تقریباً ساڑھے پانچ بجے صاحب کا اَلارم زور و شور سے بج اُٹھا۔ اس وقت تک کچھ اور مسافر بھیا چکے تھے۔ صاحب کا بستر صوفے کے پیچھے تھا اس لئے پہلے ہمیں نظر نہ ا سکا۔ صاحب صوفے کی اوٹ سے طلوع ہوا اور ساتھ والے باتھ روم کے دروازے میں غروب ہو گیا۔ کافی دیر بعد دوبارہ نمودار ہوا تو ویٹنگ روم کے عقبی دروازے سے غائب ہو گیا۔
’’ہُن صاحب کتھے چلا گیا اے؟‘‘ چوہدری رشید نے پوچھا۔
’’نماز پڑھ کر ابیا جائے گا۔ ‘‘ چوکیدار نے کہا۔
اور واقعی دو منٹ بعد صاحب واپسا کر اپنی کرسی پر براجمان ہو گیا۔
طاہر ٹکٹ لینے والوں کی قطار میں سب سے آگے تھا۔
’’ چار ٹکٹ رائے کوٹ پل کے دے دیں ۔ ‘‘ اُس نے ہاتھ آگے بڑھایا۔
’’چھ ٹکٹ گلگت کے لئے۔ ‘‘ ساتھ والے مسافر نے بھی ہاتھ آگے بڑھا یا۔
’’چار ٹکٹ رائے کوٹ پل۔ ‘‘
’’چھ ٹکٹ گلگت کے۔ ‘‘
بکنگ کلرک نے دونوں کا جائزہ لیا۔ گلگت کے نعرہ میں شاید کشش نسبتاً زیادہ تھی اس لئے اُس نے طاہر سے پوچھا:
’’ آپ نے بکنگ کروائی ہوئی ہے؟‘‘
’’جی نہیں ۔ ‘‘ طاہر نے جواب دیا۔
’’ تو پھر آپ فی الحال تشریف رکھیں اور خود کو ویٹنگ لسٹ پر سمجھیں ۔ اگر کچھ مسافر نہ آئے تو آپ کو سیٹیں مل جائیں گی۔ ‘‘ یہ کہتے ہوئے اس نے گلگت جانے کے خواہشمند کے ہاتھ سے پیسے پکڑ لئے اور ٹکٹ بنانے لگا۔
’’لیکن رات کو تو آپ کے گارڈ نے کہا تھا کہ ٹکٹ مل جائیں گے۔ ‘‘ طاہر نے احتجاج کیا۔
’’ہاں تو مل جائیں گے ناں ! ابھی آپ تھوڑا صبر تو کریں ۔ ‘‘
’’لیکن اگر کوئی بھی لیٹ نہ ہوا اور سب لوگا گئے پھر؟‘‘
بکنگ کلرک نے شانے اُچکائے اور طاہر کو قطار چھوڑنے کا اشارہ کیا۔
طاہر پیچھے ہٹ آیا اور ہمارے چہرے لٹک گئے۔
ناٹکو (NATCO)کے علاوہ کچھ اور کمپنیاں بھی گلگت کے لئے بس سروس مہیا کرتی ہیں ۔ جن میں مشہ بروم، کی۔ ٹو ٹریولز اور سلک روٹ سٹی خاصی معروف ہیں ۔ ان کے بارے میں ادھر ادھر سے معلومات حاصل کیں تو پتہ چلا کہ ایک تو ان کی سروس زیادہ اچھی نہیں ہے، دوسرے وہ زیادہ تر نان اے۔ سی ہیں ۔ ناٹکو کی بس باہر کھڑی تھی۔ یہ ڈیلکس سروس بس تھی، سیٹیں خاصی آرام دہ معلوم ہوتی تھیں اور بس بھی دیکھنے میں بالکل نئی لگ رہی تھی۔
ہم سب اُداس اُلّوؤں کی طرح ویٹنگ روم کی کرسیوں پر ڈھیر ہو گئے۔ نماز باری باری پڑھنے کا فیصلہ ہوا تاکہ ٹکٹ ملنے کی اُمید پیدا ہو تو ہم میں سے کوئی ایک بکنگ کلرک کے پاس ضرور موجود ہو۔
چوہدری رشید صاحب ہمارے گروپ کے واحد باریش رُکن تھے۔ اُن سے استدعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ سے خصوصی دُعا کریں کہ ایسے تمام لوگ جنہوں نے آج بکنگ کروائی ہوئی ہے کسی نہ کسی خیرو عافیت والے ایمرجنسی کام میں الجھ جائیں ، اور گلگت جانے کا ارادہ ملتوی کر دیں تاکہ ہمیں سیٹیں مل جائیں ۔ اس مرتبہ شاید اللہ تعالیٰ کو ہم پر ترسا گیا۔ چھ بجے بکنگ کلرک نے اشارے سے طاہر کو بلایا اور خوشخبری سنائی کہ ٹکٹیں مل جائیں گی۔ رائے کوٹ پل تک کے لئے کرایہ چھ سو روپے فی کس تھا جب کہ گلگت کے لئے ساڑھے چھ سو روپے وصول کئے جا رہے تھے۔ رائے کوٹ پل گلگت سے تقریباً اسّی کلو میٹر پہلے ہے اور یہاں سے ایک جیپ روڈ جَیل گاؤں تک جاتی ہے، پھر آگے فیری میڈوز تک پیدل ٹریک ہے۔ ہم نے اپنا سامان بس کی چھت پر پہنچا یا اور پہلے سے رکھے سامان کے درمیان فٹ کر دیا۔ چھت پر سامان رکھنے یا اتارنے کے لئے کوئی ہیلپر موجود نہیں تھا اور سارا کام سیلف سروس کے تحت ہو رہا تھا۔ جب سب لوگ سامان رکھ چکے تو کنڈیکٹر نے از راہِ نوازش ترپال ڈھانپ کر اسے رسیوں سے جکڑ دیا اور سامان گرنے سے محفوظ ہو گیا۔
٭٭٭
{یہ راستے ہیں پیار کے۔ ۔ ۔ ۔ }
ساڑھے چھ بجے بس گلگت کے لئے روانہ ہوئی اور پشاور روڈ پر ٹیکسلا پہنچ کر ہری پور جانے والی سڑک پر مڑ گئی۔
تحصیل ہری پور کا قصبہ ’’ریحانہ‘‘ پاکستان کے سابق چیف آف آرمی سٹاف، چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر، صدر اور پاکستان کی تاریخ کے اکلوتے خود ساختہ فیلڈ مارشل محمد ایّوب خان کا آبائی گاؤں ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سابق سپیکر اور متعدّد محکموں کے سابق وفاقی وزیر گوہر ایّوب خان انہی صدر ایّوب کے فرزندِ ارجمند ہیں اور اپنے دور کے مقبول ترین اور کامیاب ترین صدر کو اپنے دورِ حکومت کے آخری دنوں میں عوام کے ہاتھوں ’’ایّوب کُتّا ہائے ہائے ‘‘ کا خطاب دلوانے کا اہم کردار سمجھے جاتے ہیں ۔ اس حوالے سے ایّوب خان کا ایک جملہ ضرب المثل بن چکا ہے۔ روایت ہے کہ بھٹّو دور کے فوراً بعد جب پاکستان کٹھن حالات سے گزر رہا تھا اور حالات روز بروز دگرگوں ہوتے جا رہے تھے تو صحافیوں کی ایک تنظیم کے نمائندے ایّوب خان سے ملے اور عوام کو قیادت فراہم کرنے کی درخواست کی، جس پر ایّوب خان نے جواب دیا:
’’ کتا اب بوڑھا ہو چکا ہے۔ ‘‘
بس واقعی آرام دہ تھی۔ ایئر کنڈیشنڈ بہت اچھی کولنگ کر رہا تھا اور ہماری سیٹیں بھی درمیان میں تھیں اس لئے نیند کے جھونکے آنے شروع ہو گئے۔ وقتاً فوقتاً کوئی جھٹکا لگتا تو میں چونک کر شیشے سے باہر جھانک لیتا کہ کہاں سے گذر رہے ہیں ۔ ایسے ہی ایک دھچکے سے آنکھ کھلی تو ایک بورڈ پر نظر پڑی جس پر حویلیاں لکھا ہوا تھا۔ حویلیاں کا نام پڑھتے ہی شاہراہِ قراقرم کا تصور ذہن میں آتا ہے۔ حویلیاں سے اس عجوبۂ روزگار شاہراہ کا آغاز ہوتا ہے۔ میں دو مرتبہ پہلے بھی اس شاہراہ پر سفر کر چکا تھا، میں نے کہنی مار کر چوہدری رشید کو جگایا :
’’چوہدری صاحب شاہراہِ قراقرم شروع ہو گئی ہے۔ ‘‘
’’ اوں ۔ ۔ ۔ ۔ ہاؤ … واؤں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ واؤں ۔ ‘‘ چوہدری صاحب صرف کسمسا کر رہ گئے۔
’’چوہدری صاحب شاہراہِ قراقرم … … … ‘‘ ۔ میں نے ذرا زور سے جھنجھوڑا تو چوہدری صاحب چونک کر سیدھے ہو گئے۔
’’ کی ہویا اے؟‘‘ انہوں نے کڑک کر پوچھا۔
’’شاہراہِ قراقرم شروع ہو گئی ہے۔ ‘‘
’’کتھے اے؟‘‘
’’یہی تو ہے جس پر ہم سفر کر رہے ہیں ۔ ‘‘
’’مینوں تے ایہہ وی اونج دی ای لگدی اے جس طراں باقی سڑکاں نیں … … ایہدے وچہ کی خوبی اے؟ ‘‘
چوہدری صاحب دوست کے بجائے میرے شاگرد ہوتے تو اِس سوال پر میں اُن کو کان پکڑوا دیتا۔
’’چوہدری صاحب خوبی تو آپ کو اس وقت معلوم ہو گی جب آپ بشّام کراس کر لیں گے۔ میں تو یہ بتانا چاہ رہا تھا کہ شاہراہِ قراقرم کو دنیا کا آٹھواں عجوبہ کہا جاتا ہے اور اس کی تعمیر کی داستان خاصی دلچسپ ہے۔ ‘‘
‘‘ بشّام پہنچن تک ایس داستان وچ کسی تبدیلی دا امکان تے نئیں ؟‘‘
’’نہیں ۔ ‘‘
’’فیر بشّام پہنچ کے تاریخ، جغرافیہ بلکہ معاشرتی علوم تک جو چاہو پڑھا لینا ایس وقت سوون دیو۔ ‘‘ چوہدری صاحب نے دندان شکن جواب دے کر دو بارہ سیٹ کی پشت سے ٹیک لگا لی!
شاہراہِ قراقرم کو عجائباتِ عالم میں شمار کیا جاتا ہے۔ حویلیاں تا کاشغر، بارہ سو کلومیٹر لمبی اس شاہراہ پر جو لوگ پہلی مرتبہ سفر کرتے ہیں وہ حیران ہوتے ہیں کہ یہ سڑک کس نے اور کیسے بنا دی ؟گمان ہوتا ہے کہ غالباً یہ سڑک کسی اور جگہ رکھ کر بنائی گئی ہو گی اور پھر کسی نے نہایت مہارت سے اسے ان پہاڑوں میں فٹ کر دیا ہے، ورنہ ان پہاڑوں کو کاٹ کر سڑک بنانا تو ممکن دکھائی نہیں دیتا۔
ایک یورپی سیاح مارک فیلٹن راولپنڈی سے گلگت کے لئے روانہ ہوا۔ اس نے سفر کا آغاز رات کو کیا تھا لہٰذا بشّام تک کاسفر سوتے ہوئے گذر گیا۔ صبح کی روشنی پھیلی تو اس نے شاہراہ کا اصل روپ دیکھا۔ وہ اپنے تاثّرات بیان کرتے ہوئے لکھتا ہے:
’’دن کے وقت مجھے شاہراہِ قراقرم کی ہیبت اور ہولناکی کا اصل اندازہ ہوا۔ اس کے خطرناک موڑ،گہرائی میں بہتا ہوا دریا اور گہری گھاٹیاں یہ تاثر چھوڑتے ہیں کہ اس سڑک کو بنانے والے اور اس پر ڈرائیونگ کرنے والے سب عقل سے عاری ہوں گے۔ کوئی صحیح الدماغ شخص اس جغرافیائی لینڈ سکیپ پر سڑک تعمیر کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ ‘‘
شاہراہِ قراقرم کی تعمیر انسانوں کے بجائے جنوں اور بھوتوں کا کارنامہ معلوم ہوتی ہے، اور یہ کارنامہ چائنیز روڈ بلڈرز اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے مل کر پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ اس شاہراہ کو پاک چین دوستی کی شاہراہ بھی کہا جاتا ہے اور اس کی تعمیر کی داستان پڑھ کر پاک چین تعلقات کی گہرائی کا درست اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
فر ہاد نے شیریں کے لئے پہاڑ کاٹ کر دودھ کی نہر نکالی تھی جو شائد چند کلو میٹر لمبی ہو گی۔ چینیوں کا پاکستان کے لئے جذبۂ عشق کہیں زیادہ گہرائی رکھتا ہے جس نے کم و بیش ایک ہزار کلو میٹر طویل پہاڑی سلسلے کا سینہ شق کر ڈالا۔
شاہراہ قراقرم کی تعمیر کا غیر سرکاری آغاز ۱۹۵۸ء میں ہوا جب اُس وقت کے صدر محمد ایّوب خان نے راولپنڈی کو گلگت سے بذریعہ سڑک ملانے کا فیصلہ کیا۔ آرمی انجینئرز کور کو یہ ذمہ داری سونپی گئی اور اس سڑک کو انڈس ویلی روڈ کا نام دیا گیا۔ اس منصوبہ کے تحت سوات کے دار الحکومت سیدو شریف سے چلّاس تک براستہ کروڑا، شانگلہ پاس، بشّام، تھا کوٹ اور کمیلا (موجودہ دسّو) سڑک تعمیر کی جانی تھی۔ راولپنڈی سے سیدو شریف تک پہلے ہی سڑک موجود تھی اور چلّاس سے آگے گلگت تک بھی ایک بُری بھلی جیپ روڈ موجود تھی جسے باقاعدہ سڑک میں تبدیل کر کے راولپنڈی کو براستہ سوات گلگت سے ملایا جا سکتا تھا۔
یہ ایک کٹھن کام تھا اور اگست ۱۹۶۵ء تک آرمی انجینئرز اس منصوبے کا مشکل ترین حصہ مکمل کر چکے تھے کہ پاک بھارت جنگ کا آغاز ہو گیا۔ سترہ روزہ جنگ تو ختم ہو گئی، لیکن اس جنگ نے پاکستان اور چین کو احساس دلایا کہ دونوں ممالک کے درمیان زمینی رابطہ دفاعی اور تجارتی مقاصد کے لئے انتہائی ضروری ہے۔ اگلے ہی سال یعنی ۱۹۶۶ء میں پاکستان کا ایکا ٰعلیٰ سطحی وفد میجر جنرل جمیل فاروقی کی قیادت میں چین گیا اور کاشغر میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے،جس کے بنیادی نکات یہ تھے:
۱۔ دونوں ممالک اپنے اپنے حصہ میں سڑک تعمیر کریں گے جو درّہ خنجراب پر مل جائیں گی۔
۲۔ چین تعمیر میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری اور تکنیکی مدد مہیا کرے گا جس میں بعض مشینوں کی خریداری بھی شامل ہو گی۔ پاکستان اس کے متبادل کسی قسم کا کوئی معاوضہ ادا نہیں کرے گا۔
۳۔ درہ خنجراب اور اس کے نواح میں کام کرنے والی پاکستانی فورس کے لئے نقل و حمل کا بندوبست چین کرے گا۔
کیا آپ نے اس سے پہلے اتنے یکطرفہ بین الاقوامی معاہدے کے بارے میں پڑھا، یا سنا ہے؟
چین میں تعمیر کا کام ایک تعمیراتی ادارے چائنا روڈ بلڈرز نے شروع کیا جبکہ پاکستان میں اس کام کے لئے خنجراب فورس کا قیام عمل میں لایا گیا۔
کام شروع ہوا تو دُشواریوں کا صحیح اندازہ ہو ا۔ درہ خنجراب تقریباً پانچ ہزار میٹر کی بلندی پر ہے، اور شاہراہِ قراقرم کی تعمیر کے بعد یہ میٹل روڈ سے کراس ہونے والا دنیا کا بلند ترین بارڈر بن چکا ہے۔ اس چٹانی اونچائی پر جہاں قدم جمانے کی جگہ بھی نہ ملتی ہو،دیو قامت چٹانوں کو ڈرل کرنا اور بارود سے اڑانا کوئی آسان کام نہ تھا۔ لہٰذا کام کی رفتار انتہائی سست رہی۔ ۱۹۶۶ء کے آخر میں ایک انقلابی فیصلے کے ذریعے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (F.W.O)کا قیام عمل میں لایا گیا۔ یہ آرگنائزیشن آرمی انجینئرز کور اور جوانوں پر مشتمل تھی۔ اس آرگنائزیشن کا قیام ابتداء میں عارضی طور پر صرف شاہراہِ قراقرم کی تعمیر کے لئے عمل میں لایا گیا تھا،بعد میں اسے مستقل حیثیت دے دی گئی۔ ایف۔ ڈبلیو۔ او نے بیک وقت خنجراب، گلگت، چلّاس اور تھاکوٹ کے مقامات پر کام شروع کر دیا۔
چین اپنے حصے کا کام مکمل کر چکا تھا اور پاکستان میں کام کی رفتار سے مطمئن نہیں تھا لہٰذا ۱۹۶۷ ء میں چین نے پاکستان کو پیار بھری پیش کش کی کہ ’’جناب والا! اگر طبعِ نازک پر گراں نہ ہو تو خنجراب سے ہیلے گش تک ایک سو ساٹھ کلو میٹر لمبی سڑک ہم بنا دیں ؟‘‘
اندھا کیا چا ہے ؟دو آنکھیں ! کے مصداق پاکستان نے بخوشی یہ پیشکش قبول کر لی۔ چنانچہ خنجراب (چینی سرحد) سے ہیلے گش تک کا حصہ چین نے اور ہیلے گش سے تھا کوٹ تک فرنیٹئر ورکس آرگنائزیشن نے مکمل کیا۔ ۱۹۷۱ء میں یہ شاہراہ آمدورفت کے لئے کھول دی گئی، اُس وقت یہ سنگل روڈ تھی۔ افتتاحی تقریب گنیش کے مقام پر ہوئی، جس میں پاکستان آرمی کے چیف آف سٹاف جنرل عبدالحمید اور چین کے وزیرِ مواصلات مسٹر ینگ چی (Yung Chi)نے شرکت کی۔
اِس سال پاکستان اپنی تاریخ کے بد ترین سانحے سے گزرا اور اس کا ایک بازو عالمی سازشوں کی بھینٹ چڑھ گیا … دو سال تک سڑک پر مزید کام نہ ہو سکا۔
۱۹۷۳ء میں پاکستان اور چین کے مابین ایک اور معاہدے پر دستخط ہوئے جس کی رو سے شاہراہ میں توسیع کر کے اسے دو طرفہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس منصوبہ پر فوری عمل شروع ہوا۔ اس مرتبہ کمانڈ مکمل طور پر چائنا روڈ بلڈرز کے سربراہ مینگ تنگ منگ (Meng Tung-Ming)کے ہاتھ میں تھی جنہوں نے دینور(گلگت) کے مقام پر اپنا ہیڈ کوارٹر قائم کیا تھا۔ انہوں نے ہیلے گش سے تھاکوٹ تک کے ٹکڑے کو توسیع دی۔ خنجراب تا ہیلے گش کا ٹکڑا جو چینیوں نے تعمیر کیا تھا پہلے ہی کافی چوڑا تھا۔ اس مرحلے میں دریائے سندھ پر ایف۔ ڈبلیو۔ او کے بنائے ہوئے عارضی پلوں کی جگہ مستقل اور پختہ پل بھی بنائے گئے، ستّر کے قریب بنائے گئے یہ محرابی اور معلق پل چینی طرز تعمیر کا شاہکار ہیں ۔ پاکستان کی سر زمین پر خنجراب سے تھاکوٹ تک ہمالیائی سلسلے کا سینہ چیر کر اپنے وسائل اور اپنی افرادی قوّت سے چین نے عجائباتِ عالم میں شمار ہونے والی شاہراہِ قراقرم کی تکمیل کی۔
کیا یہی پیار ہے؟
ہاں یہی پیار ہے۔
شاہراہ کی تعمیر میں ساڑھے نو ہزار چینی جوانوں اور ماہرین نے حصہ لیا، جبکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے پندرہ ہزار کا رکنوں نے اس عظیم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ ان میں سے پانچ ہزار کا رکنوں نے چینی مہمانوں کی مدد کی، پانچ ہزار افراد سپلائی لائین برقرار رکھنے میں مصروف رہے جبکہ بقیہ پانچ ہزار نے تھاکوٹ سے حویلیاں تک شاہراہ کی توسیع کا مرحلہ مکمل کیا۔
شاہراہ قراقرم کی تعمیر میں آٹھ سو دس پاکستانی اور بانوے چینی کارکنوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ سرکاری اعداد و شمار ہیں ، غیر سرکاری کا اندازہ خود لگا لیں ۔ دو کروڑ ستّر لاکھ بارودی دھماکے کئے گئے۔ آٹھ سو ٹن بارود، اسی ہزار ٹن ڈیزل اور پٹرول، پینتیس ہزار ٹن تارکول اور اسی ہزار ٹن سیمنٹ استعمال ہوا۔
۱۹۷۸ء میں پاک چین دوستی کا یہ زندہ جاوید شاہکار مکمل ہوا اور اٹھارہ جون کو تھاکوٹ کے مقام پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان کے اُس وقت کے صدر ضیاء الحق اور چین کے نائب صدر کنگ پیا ؤ (Keng Piao) شرکت کی۔ پاکستان نے چین کی خدمات اور احسانات کا کھلے دل سے اعتراف کیا اور چینی محسنوں کو اعلیٰ ترین سول اعزازات سے نوازا گیا جن میں تین ہلال امتیاز، سات ستارۂ امتیاز اور ستائیس تمغہ امتیاز شامل تھے۔
انجینئرنگ کے اس معجزے کو دنیا کا آٹھواں عجوبہ اور پاک چین دوستی کا زندہ و جاوید شاہکار( LIVING LEGEND)کہا جاتا ہے۔ ہم صرف چھ سو روپے فی کس کرایہ کے عوض اس پر سفر کر رہے تھے اور ہم سمجھتے تھے کہ یہ بھی ویسی ہی سڑک ہے جیسی وہاڑی تا فیصل آباد یا فیصل آباد تا اسلام آباد!
ڈھوڈیال سے گزر کر ہم شنکیاری پہنچے۔
شنکیاری میں چائے کے پودوں پر تحقیق کے لئے ادارہ قائم کیا گیا ہے اور دور تک چائے کے باغات لہلہا رہے تھے۔ بے شمار گرین شیڈز لگائے گئے تھے جن کے نیچے تجرباتی پودوں کے گملے موجود تھے۔ سرسبز پودوں میں گھرا ہوا شنکیاری ایک ماڈرن زرعی قصبے کا منظر پیش کر رہا تھا۔ صاف ستھرا اور نکھرا نکھرا۔ ۔ ۔ ۔ ٹماٹر،گوبھی اور مکئی کے کھیت دور دور تک پھیلے ہوئے تھے اور فضا میں گوبھی کی مہک رچی ہوئی تھی۔ اگر ارد گرد پہاڑ موجود نہ ہوتے تو یہ قصبہ پنجاب کے انتہائی زرخیز خطے کا منظر پیش کر رہا ہوتا۔ پانچ سال پہلے میں یہاں سے گزرا تو شنکیاری اتنا سرسبز نہ تھا۔ اب ایک نئی چیز یہ بھی نظر آر ہی تھی کہ کھیتوں میں جگہ جگہ شہد کی مکھیاں پالنے والے بکس رکھے تھے جو خاصا منافع بخش مشغلہ سمجھا جاتا ہے۔
شنکیاری نے ایک خوشگوار تاثر چھوڑا اور گزر گیا۔
ایک جگہ بس رکی … اور بس رک گئی … دوبارہ چلنے کا نام نہ لیا اور کچھ لوگ نیچے اترنے لگے تو میں نے شیشے سے باہر جھانکا۔ ہم ایک خوبصورت اور سرسبز ریسٹورانٹ پر غالباً چائے وغیرہ پینے کے لئے رُکے تھے۔ بس سے نیچے اترے تو علم ہوا کہ چائے پینے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں ، لیکن رکنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ بس کا ٹائر پنکچر ہو چکا ہے۔ بس کا عملہ ٹائر تبدیل کر نے لگا۔ ہم لوگ ایبٹ آباد اور مانسہرہ کراس کر چکے تھے۔ ریسٹورانٹ خاصا معقول تھا ہم نے یہاں کولڈ ڈرنکس لئے اور چائے پی۔
ہماری ملاقات ایک جاپانی طالب علم سے ہوئی۔ وہ تنہا تھا اور میٹرک کا طالب عالم تھا۔ سالانہ چھٹیوں میں سیر و تفریح کے لئے جاپان سے پاکستانا گیا تھا۔ اس کی انگریزی اچھی نہیں تھی اور ہمیں اس کی باتیں سمجھنے میں کافی دشواری پیشا رہی تھی۔
’’آپ کہاں جا رہے ہیں ؟‘‘ میں نے اس سے پوچھا۔
’’ہنزہ۔ ‘‘
’’ہنزہ میں کونسی سی جگہ؟‘‘
’’ واٹ؟‘‘ وہ میرا فقرہ سمجھا ہی نہیں
’’ہنز ہ میں کونسی جگہ جا رہے ہیں ؟‘‘
لیکن وہ کچھ نہیں سمجھ سکا۔ اس نے ایک لمبی سی مسکراہٹ سے میرے سوال کا جواب دینے کی کوشش کی۔ اب مسئلہ یہ تھا کہ اسے Which placeکی جاپانی نہیں آتی تھی اور مجھے کسی بھی لفظ کی جاپانی نہیں آتی تھی۔ چنانچہ میں نے سوال بدل دیا۔
’’وائی ؟‘‘ (یعنی آپ ہنزہ کیوں جا رہے ہیں )
’’ ایک کتاب میں پڑھا تھا۔ ‘‘
’’اچھا !کب؟ ‘‘
’’دو سال پہلے۔ ‘‘
’’کمال ہے۔ ‘‘ مجھے سخت حیرت ہوئی۔
ہمارے ہاں آٹھویں جماعت کے طالبعلم کو رس کی کتابوں کو رٹّا لگانے سے آگے کچھ سوچ ہی نہیں سکتے۔ اگر وہ بھول چوک کر کورس کے علاوہ کسی کتاب میں اظہارِ دلچسپی کر ہی بیٹھیں تو والدین دو چار تھپڑ رسید کر کے انہیں صراطِ مستقیم پر واپس آنے کی نصیحت کرتے ہیں ۔ یہ صاحبزادے نہ صرف یہ کہ ہنزہ کے بارے میں کتاب پڑھ چکے تھے بلکہ مصنف کی تقلید میں ایک بیگ کاندھے پر ڈالے چھٹیاں گزارنے ہنزہ تشریف بھی لے جا رہے تھے۔
’’آپ ہنزہ میں کیا دیکھیں گے؟‘‘
’’یو مین واٹ ٹو وزٹ۔ ‘‘
’’یس … … … یس۔ ‘‘
’’راکا پوشی۔ ‘‘ اس کے لہجے سے اشتیاق جھلک رہا تھا۔
’’اور؟‘‘
’’ایک ویری اولڈ فورٹ۔ ‘‘
’’التت فورٹ؟‘‘
’’یس … … اور … … اوربے ٹورا گلیشیئر۔ ‘‘
’’بتورا گلیشیئر۔ ‘‘
’’اور پَسّو کونز۔ ‘‘ (کریم آباد سے آگے پَسّو کے مقام پر منفرد خدّ و خال رکھنے والی چٹانیں )
یہ ننھا منا جاپانی ہنزہ کے قابلِ دید مقامات کے بارے میں مجھ سے زیادہ جانتا تھا لہٰذا میں نے سوالات کا زاویہ بدل دیا۔
’’ کیا تم شادی شدہ ہو؟‘‘
’’اوہ نو! ‘‘ وہ کچھ شرما گیا ’’میں تو ابھی بچہ ہوں ۔ ‘‘
’’اچھا … کب کرو گے؟‘‘
’’جب میں تعلیم مکمل کر لوں گا، اور اتنی رقم جمع کر لوں گا کہ بیوی کو سنبھال لوں ۔ ‘‘
’’سیر کے لئے رقم کہاں سے آئی؟‘‘
الفاظ مکمل طور پر تو سمجھ نہیں آرہے تھے لیکن اب ہم ایک دوسرے کے ٹوٹے پھوٹے الفاظ سے نتائج اخذ کرنے میں کامیاب ہو نے لگے تھے۔
’’وہ … کچھ تو پاکٹ منی سے بچائے اور کچھ چوری کئے۔ ‘‘ اس کے لہجے میں معصومانہ شوخی آ گئی۔
’’چوری کئے؟‘‘
’’ہاں !میری بڑی بہن نے کچھ رقم جمع کر رکھی تھی وہی لے اڑا۔ ‘‘ وہ دل کھول کر ہنسا۔
’’وہ پریشان نہیں ہو گی؟‘‘
’’ہوا کرے۔ ‘‘ وہ لاپرواہی سے بولا ’’اسے تو اگلے سال ضرورت ہو گی۔ وہ اپنی شادی پر دوستوں کو ڈنر دینے کے لئے رقم اکھٹی کر رہی ہے۔ ‘‘
یہ گپ شپ شائد ابھی جاری رہتی لیکن ڈرائیور نے زور زور سے ہارن بجانا شروع کر دیا۔ سب لوگ بس کی جانب چل دئیے۔ بس دوبارہ روانہ ہوئی اور ایک دو کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے ایک قصبہ میں رک گئی۔ یہاں سے ٹائر اٹھانا تھا جسے پنکچر لگانے کے لئے یہاں پہنچا دیا گیا تھا۔
چوہدری صاحب ابھی تک سوئے نہیں تھے اور کھڑکی کے شیشے سے باہر جھانک رہے تھے۔
’’ ایس جگہ دا ناں کی اے؟‘‘ اُنھوں نے معصومیت سے پو چھا۔
’’چھترپلین۔ ‘‘ میں نے جواب دیا کیوں کہ سامنے ایک بورڈ پر یہی نام لکھا ہوا تھا۔
’’اندازہ کرو۔ ‘‘ چوہدری صاحب نے اپنا بہت بڑا سر ہلاتے اور داڑھی کھجاتے ہوئے کہا۔
’’کیا مطلب کیا اندازہ کرو؟‘‘
’’تسی اندازہ کرو کہ ایس جگہ داناں چھترپلین کیوں اے؟‘‘ چوہدری صاحب نے باہر کا مشاہدہ جاری رکھتے ہوئے کہا۔
میں نے چوہدری صاحب کی نظروں کا تعاقب کیا لیکن اندازہ نہ لگا سکا کہ چوہدری صاحب کیا پوچھنا یا کیا بتانا چاہتے ہیں ۔
’’اگر آپ کو پتہ ہے کہ یہ جگہ چھتر پلین کیوں کہلاتی ہے تو بتا دیں ، خواہ مخواہ سسپنس پیدا نہ کریں ۔ ‘‘
’’پہلے تے کج وی پتہ نہیں سی، ہُن لگ گیا اے۔ ‘‘
’’کیویں لگ گیا اے ؟‘‘ میں نے جل کر پوچھا !
’’بس لگ گیا اے، تسی وی دماغ لڑاؤ تے پتہ لگ جائے گا۔ ‘‘
’’یار کچھ پتہ ہے تو بتاو دو! خواہ مخواہ زچ مت کرو۔ ‘‘
’’ ذراا اِنھاں لوکاں دے سراں تے غور کرو۔ ‘‘
’’سر پر غور کرو،کیا مطلب؟ ‘‘
’’اَدھے لوکاں نے ٹوپیاں پائیاں ہوئیاں نیں ۔ ‘‘
’’پھر؟‘‘
’’باقی دے ادھیاں دی ٹنڈ لشکارے پئی ماردی اے، کسی دے وی سرتے کوئی وال نیئں ۔ ‘‘
میں نے غور کیا، اور یہ اتفاق تھا یا کچھ اور کہ جتنے بھی لوگ نظروں کے احاطہ میں تھے یا تو انہوں نے ٹوپیاں پہنی ہوئی تھیں یا پھر ان کی ٹنڈ چمک رہی تھی۔
’’ایتھے اتنے چھتر پیندے نے کہ سر پلین ہو جاندا اے! تے ایس پلین ہوئی ٹنڈ نوں لوک ٹوپی وچہ چھپا لیندے نیں ۔ ‘‘
’’لاحول ولا قوۃ۔ ‘‘ میں اپنی سنجیدگی پر جھینپ گیا۔ اس بے تکی بات کو چوہدری صاحب نے انتہائی سنجیدہ اور با وقار لہجے میں ، معصومانہ اور محققانہ انداز کے ساتھ پیش کیا تھا اور ان کی آواز بھی خاصی اونچی تھی۔ اس لئے ارد گرد سے دبی دبی ہنسی کی آوازیں بھی آئیں ۔
چوہدری صاحب کے مشاہدے اور ستم ظریفی کی داد نہ دینا زیادتی تھی۔
بس نے ٹائر وصول کیا اور دوبارہ رواں دواں ہو گئی۔
شرگول سے گزر کر ہم بٹگرام پہنچے۔ بٹگرام ضلعی ہیڈ کوارٹر ہے۔ لیکن سڑک پر سے گزرتے ہوئے ایک پسماندہ قصبہ محسوس ہوتا ہے۔ سڑک کے دونوں جانب پرانے طرز کی چھوٹی چھوٹی دکانیں اور بوسیدہ عمارتوں میں قائم چند ایک دفاتر نظر آتے ہیں ۔
تقریباً سوا ایک بجے ہم تھا کوٹ پہنچے۔
تھا کوٹ کے مقام پر دریائے سندھ پر بنایا گیا پل چینی طرزِ تعمیر کا خوبصورت نمونہ پیش کرتا ہے۔ ایک سو بیس میٹر لمبا یہ سسپنشن برج (معلّق پل)، دریائے سندھ پر سب سے لمبا پل ہے جو چینیوں نے بنایا۔ پہلے اس پل کو ’’تھاکوٹ برج ‘‘ کہتے تھے۔ ۲۰۰۴ء میں چینیوں کی خدمات اور احسانات کے اعتراف کا اعادہ ضروری سمجھتے ہوئے اس پل کو ایک نیا نام دے دیا گیا، اب اسے ’’یویی پل ‘‘ (Yuee Bridge)یعنی ’’دوستی کا پل‘‘ کہتے ہیں ۔ یویی چینی زبان میں دوستی کو کہتے ہیں ۔ اس سلسلے میں بھی باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی اور پاکستان کے ’’ششماہی وزیر اعظم ‘‘ چوہدری شجاعت حسین کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا جس میں پاک چین دوستی کو لازوال قرار دیا گیا۔
پاک چین ’’یویی‘‘ پل عبور کر کے ہم ضلع شانگلہ میں داخل ہوئے اور تقریباً دو بجے بشّام پہنچ گئے۔
بشّام میں میں نے بیس سال قبل ایک رات کے لئے قیام کیا تھا۔ اُس وقت یہ چند دوکانوں اور ہوٹلوں پر مشتمل ایک چھوٹا سا قصبہ تھا جو اب خاصا بڑا اور ماڈرن شہر بن گیا ہے۔ یہاں بے شمار دوکانیں چینی سامان سے بھری پڑی ہیں ۔ اَن گنت ہوٹل ہیں اور خاصی چہل پہل ہے۔ ان لوگوں کے لئے جو اپنی گاڑیوں پر گلگت جاتے ہیں بشّام قیام کے لئے خاصا پسندیدہ مقام ہے۔ اسی لئے اب شام کے وقت کئی ماڈرن فیملیز بشّام کی سڑکوں پر چہل قدمی کرتی نظر آتی ہیں ۔
بشام کی دوکانوں پر خریداروں کا ہجوم تو نہیں لیکن خاطر خواہ تعداد میں لوگ شاپنگ کر رہے ہوتے ہیں ۔ بچوں کے کھلونے، الیکٹرانک کا سامان، ریڈی میڈ ملبوسات غرض ہر قسم کی اشیاء موجود ہیں ۔ قیمت طے کرنا البتہ دشوار مرحلہ ہے۔ اگر آپ بارگیننگ میں ماہر ہیں تو مناسب دام پر جو چا ہے خرید سکتے ہیں ،ورنہ راولپنڈی کی نسبت دوگنے داموں جیکٹ خرید کر بھی آپ خود کو لُٹنے والے کے بجائے لوٹنے والا سمجھ کر بغلیں بجاتے پھریں گے۔
بشّام سے ایک سنگل روڈ شانگلہ پاس سے گزرتی ہوئی منگورہ اور سیدو شریف تک جاتی ہے، یہی انڈس ویلی روڈ ہے۔ بشّام میں اس کا ابتدائی حصہ تو خاصی خستہ حالت میں نظر آیا۔ کبھی میں نے اس روڈ پر سیدو شریف تک سفر کیا تھا۔
شاہراہ قراقرم مکمل ہونے کے بعد انڈس ویلی روڈ پس منظر میں چلی گئی ہے، لیکن یہ سوات کو شاہراہِ قراقرم سے ملاتی ہے اور اس رابطے نے سوات کی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب کئے ہیں ۔ قدیم شاہراہِ ریشم نے اب جدید شاہراہِ قراقرم اور انڈس ویلی روڈ کا لبادہ اوڑھ کر اپنی تجارتی اور معاشی اہمیت کو نہ صرف برقرار رکھا ہے بلکہ خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔
٭٭٭
{قدرت کے چٹانی عجائب گھر میں }
بشّام سے تقریباً پندرہ کلومیٹر آگے دوبیر کے مقام پر دریائے دوبیر دریائے سندھ میں شامل ہو جاتا ہے۔ دوبیر اور جیجال سے گزر کر سوا تین بجے ہم پٹن پہنچ گئے۔ پٹن بشّام سے تینتیس کلومیٹر کے فاصلے پر ایک خاصا بڑا، سر سبز و شاداب اور با رونق قصبہ ہے۔ یہاں ملٹری پولیس کی چوکی اور کوہستان ریسٹ ہاؤس موجود ہے۔ میرے خیال میں پنڈی سے گلگت جاتے ہوئے ایک رات کا قیام کرنا مقصود ہو تو پٹن بشّام کی نسبت زیادہ موزوں مقام ہے۔ ایک تو ریسٹ کرنے سے پہلے آپ شاہراہ قراقرم کی اصل جھلک دیکھ لیتے ہیں اور دوسرے یہ کہ آپ کو ایک روایتی پہاڑی شہر سے آگاہی حاصل ہوتی ہے جس کی تہذیب و ثقافت نے ابھی تک جدیدیت کا مصنوعی لبادہ پوری طرح نہیں پہنا ہے۔ شاہراہ قراقرم کی تعمیر کی نسبت سے دیکھا جائے تو پٹن ایک تاریخی مقام بھی ہے۔ ۱۹۷۴ء میں یہاں درمیانے درجے کے زلزلے نے شاہراہ کی توسیع کے کام کو شدید متاثر کیا۔ کئی بلڈوزر دریائے سند ھ کی گہرائی میں پہنچ گئے، بہت ساری چٹانیں اوپر سے آئیں اور سڑک پر براجمان ہو گئیں ۔ کئی کارکن شدید زخمی ہوئے، چند ایک ہلاکتیں بھی ہوئیں اور تعمیر و توسیع کا کام کافی عرصہ تک بند رہا۔
پٹن کراس کرنے کے بعد لینڈ سکیپ اچانک بدل جاتا ہے کیونکہ اب آپ ہمالیہ کے سر سبز و شاداب دامن سے گزر کر قراقرم کی چٹانی آغوش میں داخل ہو تے ہیں اور قراقرم کے معنی واضح ہونا شروع ہو جاتے ہیں ۔ قراقرم ترکی زبان کا لفظ ہے ’’قرا ‘‘ کے معنی ہیں سیاہ اور ’’ قرم ‘‘ شکستہ چٹانوں کو کہتے ہیں ، یعنی سیاہ رنگ کی ٹوٹی پھوٹی چٹانیں ،اور یہ چٹانیں خنجراب تک آپ کے ساتھ رہتی ہیں ۔ کچھ لوگ اس لینڈ سکیپ میں داخل ہو کر شدید مایوس ہو جاتے ہیں ، خصوصاً وہ لوگ جو مری،سوات اور کاغان کے سرسبز پہاڑوں کا تصوّر ذہن میں سجائے اس لینڈ سکیپ میں داخل ہوتے ہیں ۔ وہ ان بے آب و گیاہ چٹانوں کو دیکھ کر مایوس ہو جاتے ہیں ۔ یہاں سبزے کا دور دور تک نشان نہیں ، چوٹیاں برف سے خالی ہیں اور چٹیل و دیو قامت چٹانوں پر بڑی بڑی دراڑیں ہیں ۔ ۔ ۔ ۔ کبھی کبھی تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ابھی کوئی چٹان سڑک پر تشریف لا کر فل سٹاپ لگا دے گی، اور بعض اوقات ایسا ہو بھی جاتا ہے۔ کئی جگہ لینڈ سلائیڈنگ کے علاقوں کی نشاندہی کے بورڈ لگے ہوئے ہیں ، لیکن جس وقت آپ کو بورڈ کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے اُس وقت آپ خطرے کی حدود میں داخل ہو چکے ہوتے ہیں ۔
کچھ اور لوگوں کا رد عمل انتہائی مختلف ہے۔ شاہراہِ قراقرم کا سفر ہر لمحہ بدلتے لینڈ سکیپ کا سفر ہے۔ سنگلاخ چٹانیں بے آب و گیاہ ضرور ہیں لیکن ہر لمحہ اپنا میک اپ بدلتی رہتی ہیں ۔ اگر یہ بات ذہن میں رہے کہ چٹانوں کی وہ سطح جو سڑک کے ساتھ ساتھ نظرا رہی ہے قدرتی نہیں انسانی ہاتھوں کا کمال ہے، اور سڑک کا یہ حصہ جس پر آپ کی گاڑی رواں دواں ہے کبھی انہیں چٹانوں کا اٹوٹ انگ تھا تو آپ ہر قدم پر حیرت زدہ ہوتے جاتے ہیں ۔ جس طرح کے۔ ٹو بیس کیمپ جاتے وقت آپ قدرت کے برفانی عجائب گھر سے گذرتے ہیں بالکل اسی طرح پٹن سے خنجراب تک شاہراہِ قراقرم پر سفر کرتے ہوئے آپ قدرت کے چٹانی عجائب گھر کا مشاہدہ کرتے ہیں ،اور غالباً چٹانوں کی کوئی ایسی قسم نہیں جو اس عجائب گھر میں موجود نہ ہو۔
اس چٹانی علاقے کی اہمیت کے بارے میں ابتدائی آگاہی مجھے فیری میڈوز پہنچ کر ہی ہوئی تھی جہاں ایک جغرافیہ دان سے میری ملاقات ہوئی۔ وہاڑی واپس آنے کے بعد میں نے اس بارے میں مزید معلومات حاصل کیں تو انتہائی دلچسپ انکشافات ہوئے۔
یہ بظاہر بنجر،اُجاڑ اور بے آب و گیاہ علاقہ ماہرین ارضیات کی ریسرچ کے لئے انتہائی زرخیز سمجھا جاتا ہے اور اس کا جغرافیائی نام کوہستانی آرک ہے جو خشکی کے دو بڑے خطّوں انڈو پاک پلیٹ اور یورو ایشین پلیٹ کے درمیان پھنس کر اپنا علیٰحدہ وجود کھو بیٹھا ہے۔ لگ بھگ پندرہ سے بیس لاکھ سال پہلے انڈو پاک پلیٹ نے یورو ایشین پلیٹ (یعنی برِ صغیر انڈ و پاک نے برِ اعظم ایشیا) کی طرف کھسکنا شروع کر دیا،دونوں عظیم خطے ایک دوسرے سے ٹکرائے، انڈو پاک پلیٹ ایشین پلیٹ کے نیچے گھس گئی اور دونوں کے کناروں نے اوپر اٹھنا شروع کر دیا۔ اسی اُبھار نے ہمالیہ اور قراقرم کے عظیم سلسلوں کی صورت اختیار کر لی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ دنیا کا نوزائیدہ پہاڑی سلسلہ ہے جو ابھی شیر خواری کی عمر کو بھی نہیں پہنچا، بیچارے کی عمر صرف پندرہ لاکھ سال ہے۔
مطالعاتی لحاظ سے زمین کی گہرائی کو تین طبقات یعنی بالائی(crust) درمیانی(Mantle) اور اندرونی(Core) میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ بالائی سطح پر ہم رہتے ہیں اور بالائی اور درمیانی سطح مختلف قسم کی چٹانوں پر مشتمل ہے اور یہ چٹانیں زمین کی ابتدائی حالت،ارتقائی مدارج، درجہ حرارت اور دباؤ سے ہونے والی تبدیلیوں اور زمین کی تہہ میں موجود معدنیات کے بارے میں اہم معلومات کا ذریعہ ہیں ۔ یہ علاقہ اس لحاظ سے منفرد ہے کہ دو برّ اعظمی پلیٹوں کے ٹکراؤ کی وجہ سے پیدا ہونے والے مقامِ اتّصال (line of Collision ) پر زمین کا بالائی حصہ (Crust ) اوپر کو اُٹھ گیا ہے اور بالائی حصے کی گہرائی کی چٹانیں سطح پر نمودار ہو گئی ہیں اور ان کا تجزیہ اور مطالعہ آسان ہو گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ چٹانیں دنیا بھر کے ماہرینِ ارضیات کی توجہ کا مرکز اور سینکڑوں ریسرچ پیپرز کا موضوع ہیں ۔
یہاں پر سیاہ،سفید، بھوری،سبز،گلابی غرض ہر قسم کی چٹانیں موجود ہیں جن میں گرینائٹ(Granite)، نائیس(Gneiss)،ماربل (Marble)، کیلشیم پیلائٹ(Calcium Pelite)، میٹا پیلائٹ(Meta Pelite)، ایمفی بو لائٹ (Amphibolite) اور زرکون (Zircon) شامل ہیں ۔ گرے سینڈ سٹون اور جلی پور سینڈ سٹون (Jalipur sand stone)کی چٹانیں نسبتاً نو دریافت شدہ (۱۹۳۲) ہیں اور کئی ریسرچ ورکرز کے مقالہ جات کا موضوع ہیں ۔
اہم بات یہ ہے کہ برّ اعظمی پلیٹوں کی یہ حرکت ابھی رُکی نہیں ، بلکہ جاری ہے۔ زمین کے طبقات کی یہی حرکت پاکستان کے ۲۰۰۵ء کے تباہ کُن زلزلے کا باعث بنی اور جب تک یہ حرکت جاری ہے زلزلوں اور دوسری اہم جغرافیائی تبدیلیوں کا باعث بنتی رہے گی۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ حرکت مستقبل میں کئی چھوٹے ممالک کو نیست و نابود کر دے گی اور بڑے ممالک کی جغرافیائی سرحدوں میں اہم تبدیلی لے آئے گی۔
دلچسپ بلکہ قابلِ فخر بات یہ ہے کہ دنیا کو اس علاقے کی جغرافیائی اہمیت کا صحیح ادراک پینتیس سال پہلے لکھے گئے ایک پاکستانی طالبعلم(بعد میں پشاور یونیورسٹی میں جیالوجی کے پروفیسر) قاسم جان کے تحقیقی مقالے کے ذریعے ہوا۔ اس مقالے نے ماہرینِ ارضیات کے لئے کئی اہم سوالات کو جنم دیا جن کے سوالات تلاش کرنے کے لئے نئی تحقیق کا آغاز ہوا، اور اس تحقیق کے نتائج نے جغرافیہ کی کئی تسلیم شدہ تھیوریز کو تو ئاہِ قر پہاڑ موجو ہمیشہ کے لئے تبدیل کر دیا۔ اس مقالے پر امریکہ کے ایک ادارے کے تعاون سے بین الاقوامی معیار کی ایک ڈاکومنٹری فلم ’’نانگا پربت‘‘ ۲۰۰۲ء میں ریلیز ہوئی جس نے کئی بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کئے۔
قدرت کے چٹانی عجائب گھر میں آپ اور کیا دیکھنا چاہتے ہیں ؟
پٹن سے تقریباً دس کلومیٹر آگے دریائے کیال دریائے سندھ میں شامل ہوتا ہے اور شاہراہِ قراقرم دریائے کیال کو عبور کرنے کے لئے اصل راستے سے ہٹ کر دریا کے کنارے کے ساتھ ساتھ سات آٹھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے جو بلندی کی جانب گامزن ہے اور جہاں ایک قابل عبور جگہ پر پل بنایا گیا ہے۔ پل عبور کرنے کے بعد شاہراہ پھر نیچے اترتی ہے اور اصل راستے پر گامزن ہو جاتی ہے۔ پل کے بالکل ساتھ دریا کے ایک چھو ٹے سے حصے نے ایک خوبصورت پہاڑی جھرنے کی شکل اختیار کر لی ہے۔ یہاں پر ایک دو مقامی فیملیز آؤٹنگ کے لئے آئی ہوئی تھیں ۔ مرد حضرات ذرا مولانا قسم کے تھے،خواتین ان کی نسبت بہت کم عمر تھیں ، اور چھ سات بچے ایک دوسرے پر پا نی اچھال رہے تھے۔ پاس ہی ان کی سوزوکی پک اپ کھڑی تھی۔ شدید گرمی میں ٹھنڈے پانی کے چھینٹوں کا تصوّر ہی فرحت انگیز تھا، ڈرائیور نے بس کی رفتار کم کر لی۔ میرا خیال ہے اس کا دل بھی مچل رہا تھا اور سواریوں کا بھی کہ گاڑی روک کر اس جھرنے سے (جھرنے سے ؟) لطف اندوز ہوا جائے، جو ممکن نہیں تھا۔ ڈرائیور نے با دلِ ناخواستہ منظر سے اپنی نظریں ہٹائیں اور بس نے دوبارہ رفتار پکڑ لی۔ تھوڑی ہی دور چلے تھے کہ جل کوٹ نالے کو دریائے سندھ میں شامل ہوتے دیکھا۔ جل کوٹ نالے کا گہرا نیلا اور انتہائی شفاف پانی دریائے سندھ میں داخل ہوتا ہے تو سندھ کے گدلے پانی میں تحلیل ہونے سے پہلے دریا میں چند میٹرقطر کی ایک چھوٹی سی شفاف نیلگوں جھیل بنا دیتا ہے اور اپنی انفرادیت قائم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔
پونے چار بجے کے قریب طاہر کی آواز آئی:
’’ چوہدری صاحب برف۔ ‘‘
چوہدری صاحب نیند کی حالت میں خود ہی برف کا بلاک بنے ہوئے تھے اور ہلنے جلنے کے قابل نہیں تھے۔ میں البتہ حیران ہوا کہ یہاں برف کہاں سےا گئی؟
’’ کیا خواب میں برف دیکھ لی ہے؟‘‘ میں نے طاہر سے پوچھا۔ کیونکہ وہ بھی کافی دیر سے سو رہا تھا۔
’’اگر آپ خود جاگ جائیں اور اِدھر اُدھر کے مناظر پر توجہ دیں تو آپ کو علم ہو کہ منظر بدل چکا ہے۔ ‘‘
میں باقاعدہ جاگ رہا تھا اور ادھر ادھر کے مناظر پر توجہ بھی دے رہا تھا، طاہر کے کہنے پر مزید توجّہ دی لیکن برف کا کہیں نام و نشان نہیں تھا۔
’’اِدھر بھی دیکھ لیں ۔ ‘‘ طاہر نے اپنی جانب کے شیشے کی طرف اشارہ کیا۔
’’یار کیوں مذاق کرتے ہو! کیا برف دریائے سند ھ میں تیر رہی ہے۔ ‘‘
’’ کبھی کوئی بات مان بھی لیا کریں ، دریائے سندھ سے آگے بھی بہت سے مقامات آتے ہیں ۔ ‘‘
دریائے سندھ سے آگے تو صرف چٹانیں تھیں ، خشک،بنجر اور ٹوٹی پھوٹی چٹانیں … … قراقرم ہی قراقرم۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ لیکن طاہر کے لہجہ کا جوش و خروش ظاہر کر رہا تھا کہ کہیں نہ کہیں برف موجود ہے۔ میں سیٹ سے اٹھ کر چوہدری صاحب کو پھلانگتے ہوئے ( چوہدری صاحب کو پھلانگنا کوئی آسان کام نہ تھا) طاہر کے قریب جا پہنچا اور شیشے سے باہر جھانکا۔ بر ف واقعی موجود تھی اور یہ ایک پتلی سی چمکتی دمکتی لکیر کی مانند تھی جو اس چٹانی سلسلے کے عقب میں کسی اور سلسلے کی چوٹیوں پر نظرا رہی تھی … یہ غالباً ہمالیائی سلسلے کی برف پوش چوٹیوں کی پہلی جھلک تھی اور یہ ہمارے لئے بھی اطمینان کی جھلک تھی کہ چٹانی عجائب گھر کے ساتھ ساتھ ہم برفانی عجائب گھر کا بھی نظّارہ کرنے والے تھے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تھوڑا ہی سہی!
چار بجے کے قریب ہم دسّو پہنچے۔ دسّو بشام سے چونسٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور یہ ضلع کوہستان کا صدر مقام ہے۔ اس کے بالمقابل دریائے سندھ کے دوسرے کنارے کی آبادی کمیلا کہلاتی ہے۔ یہ ایک خاصا بڑا اور روایتی قسم کا پہاڑی شہر ہے۔ رات کو اس کی روشنیاں خاصا دلفریب منظر پیش کرتی ہیں جو ہم نے واپسی کے سفر پر دیکھا۔ دسّو شہر سے گزرتے ہوئے ہم نے دریائے سند ھ کراس کیا اور اب یہ دریا ہمارے بائیں ہاتھ آ گیا، یعنی اب میری جانب کے شیشے سے دریائے سند ھ نظر آتا تھا اور شاہراہِ قراقرم کے خطر ناک موڑوں کا نظارہ زیادہ واضح ہو گیا تھا۔ کئی مرتبہ تو ایسا محسوس ہوا کہ آنے والے موڑ کے بعد کوئی سڑک نہیں ہے اور صرف دریا چنگھاڑ رہا ہے، لیکن ڈرائیور کے ہاتھوں کی ماہرانہ جنبش بس کو سڑک کے ساتھ ساتھ موڑتی رہی۔ دسّو کے بعد لوٹر آیا، پھر سُمر نالہ اور یہاں بس کچھ دیر کے لئے رک گئی۔ کنڈیکٹر نے اعلان کیا کہ یہ چائے سٹاپ ہے، پندرہ منٹ ریسٹ کے بعد روانہ ہوں گے۔
سُمر نالہ سنگلاخ چٹانوں سے نمودار ہونے والا ایک خوبصورت پہاڑی جھرنا ہے۔ تھوڑا سا اوپر چلے جائیں تو اس کا پاٹ کافی چوڑا ہے اور یہ ایک ننھی منی جھیل کی شکل لئے ہوئے ہے۔ پسِ منظر میں چھوٹے چھوٹے آبشار ہیں اور یہ ایک خوبصورت پکچر پوائنٹ ہے۔ یہ منظر دیکھتے ہوئے میری یادداشت میں فلیش بیک ہوا۔ اور مجھے یاد آیا کہ سُمر نالے کی اس ننھی منی جھیل میں موجود ایک بہت بڑے پتھر پر بیٹھ کر تصویر بنوانے کی میری خواہش پانچ سال پرانی ہے۔ پانچ سال پہلے بھی یہ منظر میرے دل کو بھا گیا تھا اور میں نے طاہر کو کہا تھا کہ میری تصویر بنائے۔ میں یخ بستہ پانی سے گزر کر پتھر پر بیٹھے ہی والا تھا کہ سعید کی بیتابانہ اور گھبرائی ہوئی آوازیں آنا شروع ہو گئیں ۔ وہ ہمیں بلا رہا تھا اور کہہ رہا تھا کہ بس روانہ ہو چکی ہے، لہٰذا تصویر رہ گئی اور بس مل گئی جسے ہم نے اچھا خاصا دوڑ کر پکڑا کیونکہ وہ واقعی روانہ ہو چکی تھی۔
یہ تاریخ اس مرتبہ پھر اسی انداز میں دوہرائی گئی۔
میں اکیلا ہی اوپر آیا تھا لیکن یہاں ایک اور گروپ موجود تھا جو فوٹو گرافی کر رہا تھا۔ میں ایک مرتبہ پھر ٹھنڈے ٹھنڈے پانی سے گزر کر پتھر تک پہنچنے ہی والا تھا، تاکہ پاس کھڑے ہوئے شخص سے تصویر بنانے کے لئے کہوں کہ نیچے کھڑے طاہر اور عمر نے زور زور سے بازو ہلانے شروع کر دئیے۔ وہ مجھے واپس بلا رہے تھے۔ آوازیں تو مجھ تک پہنچ نہیں رہی تھیں کیونکہ سُمر نالہ کافی پُر شور نالہ ہے، لیکن ان کے بازوؤں کی حرکت بتا رہی تھی کہ مجھے فوراً نیچےا جانا چاہئے۔ پچھلی مرتبہ کے تجربہ کو یاد کر کے میں دوڑتے ہوئے نیچے پہنچا، لیکن بس اپنی جگہ ساکت کھڑی تھی۔ ڈرائیور اسٹیئرنگ سیٹ پر بیٹھا بار بار ہارن ضرور بجا رہا تھا لیکن وہ ساتھ ساتھ چائے کی چسکیاں بھی لے رہا تھا۔ طاہر نے دراصل مجھے بسکٹ کھانے اور پیپسی پینے کے لئے بلایا تھا۔ مجھے سخت افسوس ہوا لیکن اب دوبارہ اوپر جانے کا وقت نہیں تھا اس لئے بجھے ہوئے دل کے ساتھ پیپسی اور بسکٹ زہر مار کئے۔ بس نے رینگنا شروع کر دیا تو اس میں جا بیٹھے اور بس روانہ ہو گئی … کتنی ننھی منی، معصوم، قدیم اور بے ضرر خواہش تھی جو دوبارہ سُمر نالہا کر بھی پوری نہ ہو سکی۔ دل کو تسلی دی کہ شاید یہ بھی ایک ایسی خواہشِ ناتمام ہے جو اپنی تکمیل کے لئے ایک اور سفر کو جنم دے گی۔ ۔ ۔ ۔ میں ایک مرتبہ پھر شاہراہِ قراقرم پر سفر کروں گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بس پھر سُمر نالہ پر رکے گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور جب میں کسی سے تصویر بنانے کی درخواست کرنے ہی والا ہوں گا تو پھر کوئی ساتھی … … نہ جانے کب؟
دسّو سے تقریباً پچاس کلومیٹر دور شتیال کے پاس ہماری بس کو رو ک لیا گیا۔ صوبہ سرحد کے ضلع کوہستان کی حد ختم ہو رہی تھی اور ہم شمالی علاقہ جات کی حدود میں داخل ہونے والے تھے۔ شمالی علاقہ جات کی پولیس ہر ایک بس اور ہر ایک مسافر کی تلاشی لے رہی تھی۔ ہمیں بس سے اترنے کا حُکم ملا اور دورانِ تعمیل ایک سپاہی نے ماہرانہ انداز میں ہماری جامہ تلاشی لے ڈالی۔ غیر ملکیوں کو ہانک کر(واقعی ہانک کر، کیونکہ لے جانے والے سپاہیوں کے ہاتھ میں مویشی ہانکنے والی چھڑی تھی) پولیس چوکی لے جایا گیا جہاں ان کے نام و پتہ کا اندراج کیا گیا۔ اسی دوران بس کی چھت کی طرف۔ ۔ ۔ ۔ نظر اُٹھی۔ ۔ ۔ ۔ اور۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور دل بیٹھ گیا۔
دو تین سپاہی بس کی چھت پر چڑھے بے دردی سے سامان کی تلاشی لے رہے تھے۔ وہ سامان جسے کافی محنت و مشقت اور مہارت سے بیگز اور رُک سیکس میں فٹ کیا گیا تھا چھت پر بکھرا پڑا تھا۔ کپڑے، جوتے، کیمرے اور شیونگ کٹس ایک دوسرے میں گڈ مڈ ہو رہے تھے۔ جس کے بیگ میں قیمتی سامان تھا وہ دل تھامے کھڑا تھا، اور کیمروں اور ویڈیو کیمروں کی خیرو عافیت خداوند کریم سے نیک مطلوب تھا۔ مجھے اس اندازِ تلاشی کا مقصد سمجھ نہا سکا، سوائے اس کے کہ مسافروں کو ذرا حیران و پریشان کر دیا جائے۔ کیا تخریب کار اور دہشت گرد واقعی اتنے بے وقوف ہوتے ہیں کہ وہ اس انداز میں سفر کریں اور آسانی سے گرفت میں آ سکیں ؟ اور کیا کبھی کوئی دہشت گرد اس اندازِ تلاشی کی وجہ سے گرفتار ہوا ہے ؟ سب لوگ باری باری ایک مرتبہ پھر بس کی چھت پر جا رہے تھے تاکہ اپنا اپنا سامان سنبھال سکیں ۔ ہماری طرف سے یہ ذمہ داری عمر نے نبھائی۔
اسی اثناء میں طاہر ایک مقامی شخص کے ہمراہ آیا اور کہنے لگا:
’’ یہ شخص اسی طرف کا رہنے والا ہے اور کہہ رہا ہے کہ اگر آپ نانگا پربت بیس کیمپ جانا چاہتے ہیں تو بہتر ہے جگلوٹ میں رات گزاریں ۔ ‘‘
ہم ابھی تک فیصلہ نہیں کر سکے تھے کہ ہم چلّاس میں بس سے اتریں گے یا رائے کوٹ پل پر؟
چلّاس ضلع دیامیر کا ہیڈ کوارٹر اور کافی بڑا شہر ہے۔ چلّاس سے رائے کوٹ پل تک پچپن کلومیٹر کا فاصلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی ڈرائیو ہے۔ فیری میڈوز جانے کے لئے جیپیں رائے کوٹ پل سے ملتی ہیں ۔ رائے کوٹ پُل پر قیام و طعام کی سہولتوں کے بارے میں ہم مکمل طور پرلا علم تھے۔ طاہر کا خیال تھا کہ ہمیں رائے کوٹ پُل پر ہی اترنا چاہئے کیونکہ ہمارے ٹکٹ وہاں تک کے ہیں ۔ قیام کے لئے کوئی نہ کوئی ہوٹل تو ہو گا ہی اور کھانا بھی بُرا بھلا جیسا ہوا، مل ہی جائے گا۔ فائدہ یہ ہو گا کہ صبح فوراً ہی جیپوں پر سوار ہو کر فیر ی میڈوز کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ میرا اور چوہدری رشید کا خیال تھا کہ ہمیں چلّاس میں رکنا چاہئے کیونکہ تیس گھنٹے کے مسلسل سفر کے بعد ہمیں آرام دہ کمروں اور خوش ذائقہ خوراک کی اشد ضرورت تھی۔ ابھی تک چلّاس یا رائے کوٹ کے بارے میں ہی فیصلہ نہیں ہوا تھا کہ یہ نیا شگوفہ سامنے آ گیا۔ جگلوٹ رائے کوٹ پل سے بھی آگے تقریباً پینتالیس منٹ کے فاصلے پر تھا۔
’’یہ جگلوٹ کہاں سے آ گیا۔ ‘‘ میں نے حیران ہو کر پوچھا۔ ’’ہمارے ٹکٹ تو رائے کوٹ پل تک کے ہیں ۔ ‘‘
’’آپ جگلوٹ کے لئے اور ٹکٹ بنوا ؤ۔ ‘‘ مقامی شخص نے مشورہ دیا۔
’’لیکن کیوں بنوائیں ! کیا جگلوٹ چلّاس سے بڑا شہر ہے ؟‘‘
’’ناں جی ناں ۔ ۔ ۔ ۔ بڑا تونئیں اے۔ ‘‘
’’وہاں چلّاس کی نسبت بہتر ہوٹل ہیں ؟‘‘
’’ناں جی ناں ۔ ۔ ۔ اوٹل تو چلّاس کا زیادہ اچّا اے ‘‘
’’پھر ہم جگلوٹ کیوں جائیں ؟‘‘ میں نے زچ کر پوچھا۔
’’جگلوٹ اور رائے کوٹ بالکل پاس پاس اے۔ ‘‘
’’اگرصرف نزدیک ہونا ہی اتنی بڑی خوبی ہے تو پھر ہم رائے کوٹ پل پر ہی کیوں نہ اتریں ؟‘‘
وہ شخص کچھ نہ بولا۔
’’میرا اندازہ ہے ہم آٹھ نو بجے کے درمیان چلّاس پہنچ جائیں گے … اور آپ کی تجویز پر عمل کر کے ہم رات کے گیارہ یا شاید بارہ بجے جگلوٹ پہنچیں گے۔ ۔ ۔ ۔ پھر ہوٹل تلاش کرنے۔ ۔ ۔ اور کھانا کھانے کے لئے کم از کم دو گھنٹے مزید درکار ہوں گے … … اور سوتے سوتے ہمیں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ ناں جی ناں ۔ ۔ ۔ ۔ اوٹل آپ نئیں ام تلاش کرے گا … اور تلاش کیوں کرے گا؟۔ ۔ ۔ اُدرپر امارے کزن کا اوٹل ہے آپ اُدر چلو۔ ۔ ۔ ۔ اور آپ اُدر کیوں چلو؟۔ ۔ ۔ ۔ ام آپ کو لے جائے گا۔ ‘‘
’’اوہ ویری گُڈ۔ ‘‘ میں نے سمجھتے ہوئے کہا ’’اور وہاں ہمیں رات کے پچھلے پہر کھانا مل جائے گا؟‘‘
’’آپ بولو گے تو کیوں نئیں ملے گا؟۔ ‘‘
’’تقریباً ایک ڈیڑھ بجے بھی کھانا ملا تو سوتے سوتے ہمیں دو اڑھائی بج جائیں گے اور ہم صبح پانچ چھ بجے اُٹھ کر رائے کوٹ پل کے لئے سفر شروع کریں گے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ٹھیک؟‘‘
’’ ٹیک ہو گا نا ں ! رائے کوٹ اور جگلوٹ بالکل پاس پاس تواے۔ ‘‘
’’اس سے بہتر یہ نہیں کہ ہم تقریباً آٹھ بجے چلّاس اتر جائیں ۔ اور آٹھ دس گھنٹے کی پرسکون نیند لے کر صبح چلّاس سے رائے کوٹ پل چلے جائیں ؟‘‘
وہ شخص محض کاندھے اچکا کر رہ گیا۔
طاہر بھی اصل بات سمجھ چکا تھا۔ وہ شخص ہمیں صرف اس لئے جگلوٹ کا راستہ دکھا رہا تھا کہ اپنے کزن کے ہوٹل کے لئے گاہک کا بندوبست کر دے اور اُسے تھوڑا بہت کمیشن مل جائے۔ اسی دوران ایک اور مقامی شخص جو ہماری گفتگو سن کر قریبا گیا تھا پہلے والے شخص پر خفا ہونے لگا کہ وہ ہمیں غلط گائیڈ کیوں کر رہا ہے۔ اس نے ہمیں چلّاس میں قیام کرنے کا مشورہ دیا، اور بتایا کہ رائے کوٹ پل پر شنگریلا نام کا ایک ہی ہوٹل ہے جو بہت مہنگا ہے اور کھانے کا معیار بھی اچھا نہیں ہے۔ چلّاس میں ہر قسم کی سہولت موجود ہے اور ہوٹل اور کھانا دونوں کا معیار کافی اچھا ہے۔ اُس نے ہمیں اوریئنٹ ہوٹل میں قیام کا مشورہ دیا جو بقول اُس کے، اپنے لذیذ کھانوں کے لئے دور دور تک مشہور تھا۔ اس طرح ہم نے چلّاس میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا۔
تلاشی کا کام مکمل ہوا تو بس روانہ ہوئی اور تقریباً فوراً ہی ہم نے دریائے سندھ پر چینی دوستوں کا بنایا ہوا پل دیکھا جو وادیِ تنگیر کو شاہراہِ قراقرم سے ملاتا ہے۔
آٹھ بجکر دس منٹ پر ہم چلّاس کے بس سٹاپ پر اترے تو انتہائی گرم ہوا کے تھپڑوں نے ہمارا استقبال کیا۔ رات کو بھی اتنی تیز اور گرم ہوا نے ہمیں پریشان کر دیا، اتنی گرمی تو وہاڑی میں بھی نہیں تھی۔ چلاس دراصل مون سون ہواؤں کی زد میں نہیں آتا اس لئے یہاں بارش بہت کم ہوتی ہے اور یہاں کی گرمی بھی ملتان کی گرمی کی طرح مشہور ہے۔
چلّاس کے باشندوں کے بارے میں ڈان ہاؤزے نے اپنے ایک سفرنامے میں لکھا ہے:
’’ چلّاسی قدرے اکھڑ مزاج لوگ ہیں جو سیّاحوں کے ساتھ فرینڈلی ہونا پسند نہیں کرتے۔ یہ اُن قزاقوں کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں جو قدیم شاہراہِ ریشم پر سفر کرنے والے قافلوں کو لوٹنے کے لئے اس دشوار گزار اور بنجر خطہ زمین پر آباد ہو گئے تھے۔ تبّت اور ایران، اور چین اور ہندوستان کے درمیان سفر کرنے والے قافلے ان کا آسان شکار ثابت ہوتے تھے۔ یہ زیادہ پرانی بات نہیں ہے کہ ان کا ذریعہ معاش غلاموں کی تجارت اور راہزنی تک محدود تھا۔ ‘‘
جس جگہ ہم اترے تھے یہاں سے شہر کافی دور تھا اور چلاس کے باشندوں کے رویّے کے بارے میں ڈان ہاؤزے کے بیان کی تصدیق یا تردید مشکل تھی۔ یہاں پر تو صرف چند ایک ہوٹل موجود تھے۔ ہم نے اوریئنٹ ہوٹل کی تلاش میں نظریں دوڑائیں لیکن اُس کا بورڈ ہمیں نظر نہ آیا لہٰذا سب سے نزدیکی ہوٹل چلاس اِن (Chilas Inn) کا رخ کیا۔ استقبالیہ پر موجود شخص سے سلام دعا کے بعد ہم نے کمروں کے بارے میں دریافت کیا۔
’’کونسا کمرہ لیں گے ڈیلکس یا سادہ ؟‘‘
’’ ان میں کیا فرق ہے؟‘‘
’’آپ پہلے کمرے دیکھ لیں سر۔ ‘‘
’’نہیں آپ پہلے ہمیں چارجز کے بارے میں بتاؤ۔ ‘‘
’’ڈیلکس ڈبل بیڈ کا کرایہ بارہ سو اور سادہ کا آٹھ سو روپے ہے۔ ‘‘
میں نے طاہر اور عمر سے مشورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف رات ہی تو گزارنی ہے، کیوں نہ اور ہوٹلوں سے بھی ریٹ کا پتہ کر لیں ۔ چوہدری صاحب نے بھی ان کی رائے سے اتفاق کیا۔ طاہر اور عمر دوسرے ہوٹلوں کی جانب روانہ ہو گئے، میں اور چوہدری صاحب گیلری میں پڑے صوفے پر دراز ہو گئے۔ صرف چند منٹوں کے بعد عمر اور طاہر مسکراتے ہوئے واپسا گئے۔
’’ بالکل ساتھ والے ہوٹل کا نام ماؤنٹین ایکو ہے اگر آپ وہاں رہنا پسند کریں تو چھ سو روپے میں دو کمرے مل جائیں گے۔ ‘‘
’’کی آکھیا؟چھ سو وچ دو کمرے؟ ‘‘ چوہدری صاحب ذرا سنبھل کر بیٹھ گئے ’’اوہ کمرے نیں کہ دڑبے، اِنّے پیسیاں وِچ تے وہاڑی وی کمرا نیں لبھدا۔ ‘‘
’’کمرے ہیں اور آپ کے بیڈ روم سے کئی گُنا اچھے ہیں ۔ ‘‘ طاہر نے چوہدری صاحب کو چھیڑا۔ ـ ’’ درمیانہ سائز، ڈبل بیڈ،اور ڈیزرٹ روم کولر لگے ہوئے ہیں ۔ ‘‘
’’ اور باتھ روم؟‘‘
’’اٹیچ باتھ ہے۔ ‘‘
ہم بیگز اٹھانے لگے تو استقبالیہ پر موجود شخص نے اصرار کیا کہ اس کے ہوٹل کے کمروں پر نظر ضرور ڈال لی جائے۔ ہم نے ایک کمرے کا جائزہ لیا اور وعدہ کیا کہ اگر ہمیں ماؤنٹین ایکو کے کمرے پسند نہ آئے تو ہم واپسا جائیں گے۔ لیکن اس کی نوبت نہیں آئی۔
ماؤنٹین ایکو کے کمرے بہت اچھے تو نہیں لیکن مناسب تھے۔ بیڈز آرام دہ تھے،چادر اور تکیہ صاف ستھرا تھا۔ باتھ روم کی حالت قدرے خستہ تھی لیکن رقم کا فرق اتنا زیادہ تھا کہ خواہ مخواہ اپنا بجٹ خراب کرنے کا کوئی فائدہ نہ تھا۔ ہم نے سامان کمروں میں رکھ دیا۔ کمروں کی کھڑکیاں اور دروازے کھول دئیے اور روم کولر چلا کر ہوٹل کے لان میں پڑی کرسیوں پر بیٹھ گئے۔ بھوک کی وجہ سے آنتوں نے قُل ھُوَاللہ کے بعد مایوس ہو کر سورۃ رحمٰن پڑھنا شروع کر دی تھی۔
ہم نے ایک ویٹر کو اشارہ سے بلایا۔
’’یار آپ کے ہوٹل کا کھانا کیسا ہوتا ہے ؟‘‘
’’ ایکدم فس کلاس آپ آرڈر تو بولو۔ ‘‘ اس نے تو یہی کہنا تھا۔
’’ڈائننگ ہال تو بالکل اجڑا ہوا لگتا ہے۔ ‘‘
’’اس وقت کوئی گاہک نہیں ہے۔ جو لوگ ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں انھوں نے کھانا کمروں میں منگوا لیا ہے۔ آپ لوگ دوپہر کے کھانے پر دیکھنا، سارے افسر لوگ ہمارے ہوٹل میں کھانا کھاتے ہیں ۔ ‘‘
’’اچھا؟ … … واقعی! ‘‘ عمر نے آنکھیں پھیلاتے ہوئے پوچھا۔
’’جی سر جی! یقین کریں ہمارے ہوٹل سے اچھا کھانا آپ کو پورے چلّاس میں نہیں ملے گا۔ ‘‘
آثار و شواہد تو اس بات کی تائید نہیں کر رہے تھے، لیکن ان کی تردید پیٹ میں چوہوں کی میراتھن دوڑ نہیں رُکوا سکتی تھی اس لئے مینیو کا پتہ کرنے کے بعد کھانے کا آرڈر دے دیا۔
’’ایک کِلو چکن کڑاہی اور ایک دال فرائی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
ہم لان چیئرز پرنیم دراز ہو گئے کیونکہ تھکاوٹ اپنا اثر دکھارہی تھی۔ تیس گھنٹے کے مسلسل سفر میں ہم نے کہیں بھی باقاعدہ کھانا نہیں کھایا تھا۔ میں نے سوچا کہ کھانا کھانے سے پہلے نہا لیا جائے، لیکن کسی نے میری تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔ چوہدری رشید کا خیال تھا کہ تھکاوٹ سے چور ہو کر لان چیئر پر ہلکورے لینے میں جو لطف ہے اسے غسل خانے کی ’’فضولیات‘‘ پر قربان نہیں کیا جا سکتا۔ میں بہرحال نہانے کے لئے کمرے کی طرف چلا گیا۔ ٹھنڈے پانی کے غسل نے تھکاوٹ کو جسم سے منفی کر دیا۔ کھانا کھاتے ہوئے میں فریش تھا۔ کھانا واقعی لذیذ تھا اور بھوک کی شدت نے اس کے ذائقہ میں اضافہ کر دیا تھا۔ ہم نے کھانے کی تعریف کی تو پاس کھڑے ویٹر کی باچھیں کھل گئیں ۔
’’سر میں نے کہا تھا ناں کہ ہمارے ہوٹل کا کھانا فس کلاس ہوتا ہے اور پورے چلّاس میں مشہور ہے۔ ‘‘
’’ تم ٹھیک کہہ رہے تھے اور اب پوری سچائی سے یہ بھی کہہ سکتے ہو کہ ہمارا کھانا وہاڑی تک مشہور ہے۔ ‘‘ طاہر نے سر ہلاتے ہوئے کہا۔
ویٹر کی باچھیں کچھ اور کھل گئیں ۔
کھانے کے بعد چائے پی گئی جو ملک پیک سے بنائی گئی تھی اور خاصی خوش ذائقہ تھی۔ کھانے کے بعد تینوں ساتھی کمروں کی طرف چلے گئے۔ میں نے ابھی کچھ دیر لان میں ہی بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔ تھوڑی دیر بعد ایک ادھیڑ عمر شخص قریب آیا اور سلام کے بعد اپنا تعارف ہوٹل کے منیجر کی حیثیت سے کرایا۔ اس کا نام فضل داد تھا اور وہ سکردو کا رہنے والا تھا۔
’’سکردو تو یہاں سے بہت دور ہے … اور یہ کام تو آپ کو سکردو میں بھی مل سکتا تھا، وہاں بے شمار ہوٹل ہیں ۔ ‘‘
’’سکردو اب دور نہیں ہے !صرف آٹھ دس گھنٹے کا سفر رہ گیا ہے۔ ‘‘
’’ آٹھ دس گھنٹے کا سفر کم ہے؟‘‘
’’اور کیا ؟ کسی زمانے میں چلاس سے سکردو تک دو دن لگتے تھے۔ سر آپ محسوس نہ کریں تو ایک بات پوچھوں ؟‘‘
’’جی ضرور پوچھیں ۔ ‘‘
’’سر آپ کہاں جائیں گے؟‘‘
’’اس میں محسوس کرنے کی کیا بات ہے ؟ہم فیری میڈوز جائیں گے۔ ‘‘
’’ آپ وہاں کیا دیکھنے جار ہے ہیں ؟‘‘
’’بھائی فضل داد خان ! ہم فیری میڈوز میں فیری میڈوز ہی دیکھنے جا رہے ہیں ۔ ‘‘
’’وہ … سر … میرا مطلب ہے آپ وہاں پریاں دیکھنے جا رہے ہیں ناں ؟‘‘ اُس نے تائیدی انداز میں پوچھا۔
’’پریاں ؟ ‘‘ میں ہنسا ’’نہیں یار کیا ہم تمہیں شکل سے اتنے ہی بیوقوف لگتے ہیں ؟‘‘
’’لو جی ! اس میں بے وقوفی والی کونسی بات ہے ؟۔ ۔ ۔ ۔ وہاں پریاں آتی ہیں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اسی لئے تو اسے فیری میڈوز کہتے ہیں ۔ ۔ ۔ ۔ آپ کو یہ بھی نہیں پتا؟‘‘
’’آپ کا مطلب ہے سچ مچ کی پریاں ؟ ‘‘
’’بالکل سچ مچ کی پریاں سر۔ ‘‘ اُس نے انتہائی سنجیدگی سے کہا۔
’’آپ نے کبھی کوئی پری دیکھی ہے ؟‘‘
’’میں نے تو نہیں دیکھی۔ ۔ ۔ البتہ میرے پردادا نے دیکھی تھیں ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’اور آپ کے پردادا نے آپ کو بتایا؟‘‘ میں نے حیرانی سے کہا۔
’’نہیں سر! میرے پردادا نے میرے دادا کو بتایا اور ا نہوں نے مجھے … دراصل میرے پردادا کا چلغوزوں کا باغ تھا پہاڑ کی چوٹی پر … … اور وہاں پریاں آنکھ مچولی کھیلنے کے لئے آیا کرتی تھیں ۔ ‘‘
’’آپ کے پردادا کے ساتھ ؟‘‘ میں نے مسکراتے ہوئے پوچھا۔
’’آپ تو مذاق سمجھ رہے ہیں ۔ ‘‘ اُس نے بُرا مان کر کہا۔ ’’یہاں پر بھی بہت سارے لوگ ہیں جنہوں نے باغ میں پریاں دیکھی ہیں ۔ ‘‘
’’اچھا !یہاں پر بھی چلغوزے کے باغات ہیں ؟‘‘
’’اور کیا سر! وہ سامنے والے پہاڑ کی چوٹی پر چلغوزے کے باغات ہی تو ہیں ۔ چاندنی رات میں کئی لوگوں نے وہاں پریاں دیکھی ہیں … اور اگر تھوڑا انتظار کر لو تو شائد آپ بھی کوئی پری دیکھ لو۔ ‘‘ اُس نے ہاتھ کے اِشارے سے لوکیشنز دِکھائیں ۔
’’اس وقت تو سخت نیندا رہی ہے بھائی فضل داد خاں ،پریوں کا انتظار کرنے کی ہمت نہیں ،صبح کوشش کروں گا۔ ‘‘ میں نے ذرا تھکے ہوئے لہجے میں کہا تو فضل داد کرسی سے اٹھ کھڑا ہوا۔
اُس کی ظاہری شخصیت انتہائی متاثر کن تھی۔ وہ بہت ہی با وقار انداز میں قدم اٹھاتا تھا۔ نشست و برخاست میں بھی ایک خاص قسم کا رکھ رکھاؤ پایا جاتا تھا۔ سگریٹ پینے کا اس کا اپنا سٹائل تھا۔ اس کی شخصیت ایک ریٹائرڈ بیور کریٹ کا تاثر چھوڑتی تھی … لیکن اس کی علمی سطح محدود تھی اور زبان کھولتے ہی اس کی شخصیت کا سارا تاثّر غائب ہو جاتا تھا۔ اس کے اٹھتے ہی میں نے بھی کمرے کا رخ کیا۔ کیمرے کی بیٹری کو چارجر پر لگا یا کیونکہ اگلے کئی دن ہمیں بجلی سے ملاقات کی کوئی توقع نہ تھی۔
بیڈ پر لیٹنے کے بعد پتہ ہی نہ چلا کہ کب نیند نے مجھے اپنی آغوش میں لیا اور نیند بھی ایسی جو چوہدری رشید کے خراٹوں سے بھی متاثر نہیں ہوئی۔ بقول طاہر چوہدری صاحب کے خراٹے تو دوسرے کمرے تک بھی پہنچ رہے تھے۔ لیکن میں گھوڑے، گدھے اور چوہدری رشید کے خراٹے سب بیچ کر سو رہا تھا۔ خواب میں کچھ پریاں چلغوزے کے باغات میں چہل قدمی کرتی ضرور نظر آئیں لیکن ان تک پہنچنے کے لئے پہاڑ کی چوٹی تک جانا میرے لئے خواب میں بھی ممکن نہیں تھا۔
آنکھ کھلی تو صبح کے پانچ بج رہے تھے اور کہیں دور اللہ کی کبریائی کا اعلان ہو رہا تھا۔ میں چند منٹ کسمسانے کے بعد اٹھ بیٹھا اور باتھ روم کا رخ کیا۔
دوران غسل احساس ہوا کہ ذہن پر ایک نامعلوم سی پریشانی حاوی ہوتی جا رہی ہے اور جلد ہی اندازہ ہو گیا کہ یہ پریشانی آج کے سفر کے بارے میں ہے۔ رائے کوٹ پل سے جَیل گاؤں تک جانے والا جیپ ٹریک مجھے کسی حد تک خوفزدہ کر رہا تھا،میں نے پڑھا تھا کہ یہ جیپ ٹریک بہت خطرناک ہے اور ڈرائیور کی لمحاتی غفلت یا کوئی چھوٹا موٹا حادثہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ میرے ساتھی جو ابھی تک بے فکری کی نیند کے مزے لے رہے تھے ان دشواریوں سے لاعلم تھے۔ وہ تو سمجھ رہے تھے کہ آج ہم ’’پرستان‘‘ کی سیر کرنے جار ہے ہیں ،جہاں ہم بے فکر ی سے ٹہلتے، سیٹیاں بجاتے اور گپیں لگاتے ہوئے، دلفریب راستوں سے گزر کر پہنچیں گے اور ہو سکتا ہے کہ راستے میں کوئی ایک آدھ آوارہ گرد پری بھی درشن دینے کے لئے موجود ہو، لیکن … میں فکر مند تھا۔
نماز کے بعد میں نے خاصے خشوع و خضوع سے دعا مانگی کہ اللہ تعالیٰ جیپ ٹریک کا سفر ہمارے لئے آسان کر دے اور ہماری جیپ، جیپ ڈرائیور اور خود ہمیں اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ جب میں یہ دعا مانگ رہا تھا تو مجھے محسوس ہوا کہ وہ فرشتے، جن کے ذمے میری دعائیں فرش سے عرش تک پہنچانا تھا، پاس کھڑے طنزیہ انداز میں مسکرا رہے ہیں اور باقاعدہ سوال کر رہے ہیں :
’’ یار اگر اتنے ڈرپوک تھے تو ادھر کیا لینےا گئے؟ مری کے کسی ہوٹل میں کڑاہی گوشت کھا کر واپس چلے جاتے۔ ‘‘
میں نے اس در اندازی پر کوئی توجہ نہ دی۔ دعا مکمل ہوئی تو احساس ہوا کہ پریشانی بڑی حد تک کم ہوئی ہے۔
میں نے اپنے ساتھیوں کو جگایا اور فضل داد کو جو باہر لان میں ننگے پاؤں چہل قدمی کر رہا تھا ناشتے کا آرڈر دیا۔ جب تک میرے باقی ساتھی وضو اور نماز سے فارغ ہوئے، ناشتہا گیا۔
ناشتہ پراٹھے اور آملیٹ پر مشتمل تھا۔ ہم چند لقمے ہی کھا سکے کیونکہ بھوک نہیں تھی۔ چائے البتہ خوش ذائقہ تھی۔ بل آیا تو خاصا معقول تھا۔ رات کے عمدہ کھانے اور ناشتے دونوں کابل ساڑھے پانچ سو روپے تھا۔ ہم نے فضل داد کا شکریہ ادا کیا اور اس کی مہمان نوازی کی تعریف کی تو وہ خوش ہو گیا، اور ہم سے وعدہ لینا چاہا کہ اگر ہمیں پھر کبھی چلاس میں قیام کا اتفاق ہوا تو ہم ماؤنٹین ایکو میں ہی ٹھہریں گے اور اسے میزبانی کا موقع فراہم کریں گے۔ ہم نے یہ بے ضرر وعدہ کیا اور فضل داد اور سرو کرنے والے بیرے سے ہاتھ ملا کر ہوٹل کے گیٹ کی جانب بڑھ گئے۔ انہوں نے ہاتھ ہلا کر ہمیں ’’اللہ حافظ‘‘ کہا۔
٭٭٭
{صدیوں کے جھروکوں سے۔ ۔ ۔ ۔ }
رائے کوٹ پل کے لئے خوش قسمتی سے ہوٹل کے بالکل سامنے سے ہمیں ناٹکو کی بس مل گئی اور پونے آٹھ بجے ہم نے چلّاس کو الوِداع کہا۔ چند لمحے بعد ہماری بس چلّا س کی پولیس چوکی اور بتو گاہ نالے کے پاس سے گزری، تو مجھے وہ راستہ نظر آیا جو چلّا س کے مشہور و معروف پیٹر و گلائف (Petroglyph)تک جاتا ہے۔ پچھلے سفر میں مَیں ان کی زیارت کر چکا تھا۔ دریائے سندھ کے کنارے کئی چٹانوں پر پیٹرو گلائف کے نمونے موجود ہیں ۔ ان میں زیادہ تر شکار اور جنگ کے مناظردکھائے گئے ہیں اور مہاتما بدھ کی شبیہہ کو بھی جگہ جگہ کندہ کیا گیا ہے۔
پیٹرو گلائف چٹانوں پر تصاویر بنانے کے فن کو کہتے ہیں اور پاکستان میں پیٹرو گلائف کا خاصا بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ خود چلّاس میں ایک اور بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے جو مشرق میں تقریباً پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ پیٹروگلائف کو لوگ عموماً سرسری نظر سے دیکھ کر گذر جاتے ہیں ، لیکن ان پیٹر و گلائف میں زمانہ قدیم کی تاریخ اور تہذیب و تمدن کا بہت بڑا حصہ پوشیدہ ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ان میں کچھ نمونے ایک صدی قبل مسیح سے تعلق رکھتے ہیں جب ایرانی خانہ بدوش سائی تھینز (Scythians) یہاں سے گزرے۔ اس وقت انسان اپنے جذبات کا اظہار تحریر کی بجائے تصاویر کے ذریعے کرتا تھا۔ پارتھیینز(Parthians) دور کا بھی قابل ذکر ذخیرہ موجود ہے، لیکن چلّاس کے زیادہ تر پیٹرو گلائف بعد میں آنے والے بدھِسٹ دور سے تعلّق رکھتے ہیں اور مہاتما بدھ کے پیروکاروں کی کاوش کا نتیجہ ہیں جو تجارت یا تبلیغ کی غرض سے چین جانے کے لئے ان علاقوں سے گزرتے تھے اور چٹانوں پر کندہ کاری کر کے اور بدھ کی شبیہہ ابھار کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے تھے۔ پیٹرو گلائف انسانی تاریخ کے پوشیدہ گوشوں کو کیسے بے نقاب کرتے ہیں ؟ یا کس طرح اثر انداز ہو سکتے ہیں ؟اس کا اندازہ ہارورڈ یونیورسٹی کے ہسٹری کے ریٹائرڈ پروفیسر بیری فل (Barry Fell)کے ایک مقالے سے لگایا جا سکتا ہے جس نے اَسّی کی دہائی میں تاریخ کے ایوانوں میں ہلچل مچا دی تھی۔ پروفیسر بیری نے ۱۹۸۳ء میں انکشاف کیا کہ اس نے امریکہ کے علاقے ویسٹ ورجینیا میں موجود پیٹرو گلائف کی تصویری زبان کو ڈی کوڈ کر لیا ہے۔ اُس نے دعویٰ کیا کہ یہ دراصل حضرت عیسیٰ ؑ کی سوانح حیات ہے جو آئرش رسم الحظ میں چھٹی صدی عیسوی میں لکھی گئی، اور اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ آئرش، آئی بیرین،مصری اور لبنانی سیاح ڈھائی ہزار سال پہلے نہ صرف امریکہ دریافت کر چکے تھے بلکہ یسوع مسیح کا پیغام بھی ان علاقوں تک پہنچا چکے تھے۔ پروفیسر بیری کے اِس دعوے نے امریکہ کی موجود ہ تاریخ کو مشکوک بنا دیا۔ امریکہ کو شُکرگزار ہونا چاہئے کہ ماہرینِ لسانیات اور ماہرینِ ارضیات نے پروفیسر بیری کے دعویٰ کو تسلیم نہیں کیا ورنہ امریکہ آج طالبان کو تلاش کرنے کے بجائے اپنی مشکوک تاریخ کے گم شدہ اوراق تلاش کر رہا ہوتا۔
بس میں ہماری سیٹیں بالکل پیچھے تھیں اور ہمارے ساتھ ایک غیر ملکی سیاح بیٹھا تھا۔ ہیلو ہائے کے بعد میں نے اُس سے اس کا نام پوچھا تو اس نے کہا۔
’’انگلش میں تو میر انام بہت آسان ہے۔ ۔ ۔ جارج۔ ‘‘
’’اور مشکل کِس زبان میں ہے؟‘‘
’’جرمن میں ۔ ‘‘
’ـ’ آپ جرمن ہیں ؟‘‘
’’میں آسٹرین ہوں ۔ ‘‘
’’جرمن زبان میں آپ کو کیا کہتے ہیں ؟‘‘
’’گیارگے۔ ‘‘ اُس نے عجیب سے لہجے میں کہا۔
’’کیا؟‘‘
’’گی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آر۔ ۔ ۔ ۔ ۔ گے۔ ‘‘ اس نے ٹھہر ٹھہر کر بتایا۔
گی۔ آر گے یا جارج آسٹریا سے تعلّق رکھنے والا جرنلسٹ تھا۔ اس سے مزید گفتگو ہوئی تو اس کی شخصیت نے حیران کر دیا۔ یہ دبلا پتلا اور تاڑ کی طرح طویل قامت شخص سینتالیس سال کا تھا اور تیسری مرتبہ پاکستان آیا تھا۔ وہ مجھ سے دو سال بڑا تھا لیکن دس سال چھوٹا لگتا تھا۔ اس کے بقول وہ انڈیا اور پاکستان کو چھان چکا تھا اور اُس کا یہ دعویٰ اس لئے درست لگتا تھا کہ وہ برصغیر کی تاریخ سے مکمل طور پر واقف تھا۔
گاندھی،نہرو اور جناح کے بارے میں وہ وسیع معلومات رکھتا تھا۔ اس کے خیال میں جناح، گاندھی اور نہرو دونوں سے زیادہ قد آور سیاستدان تھا۔ وہ برصغیر کے مسلمانوں کی تہذیب و تمدن سے نہ صرف آگاہ تھا بلکہ متاثر بھی تھا۔
دورانِ گفتگو میں نے اس سے پاکستانیوں کے بارے میں اس کی رائے پوچھی۔
’’پاکستان کے لوگ بہت عمدہ اور پیار کرنے والے ہیں ۔ لیکن عالمی میڈیا آجکل پاکستانیوں کا بہت خوفناک اِمیج پیش کر رہا ہے۔ ‘‘
’’میں نے یہی جاننے کے لئے سوال پوچھا ہے کہ ایک یورپین باشندہ میڈیا سے کتنا متاثر ہے۔ ‘‘
’’میڈیا سے متاثر نہ ہونا تو ممکن ہی نہیں ،لیکن میں کئی بار پاکستانا چکا ہوں اور اِس بارے میں میری اپنی رائے ہے۔‘‘
’’ آپ کے خیال میں یورپین میڈیا پاکستان کے خلاف کیوں ہے ؟‘‘
’’صرف اور صرف القاعدہ اور اسامہ بن لادن کی وجہ سے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیونکہ مغرب پاکستان کو اسامہ کا حقیقی سرپرست سمجھتا ہے۔ ‘‘
’’جبکہ اسامہ کا حقیقی سرپرست امریکہ خود ہے۔ ‘‘
’’کیا ؟ ‘‘ جارج یا گی آر گے کا منہ حیرت سے کھل گیا۔ ’’میرا خیال ہے آپ یقیناً مذاق کر رہے ہیں ؟‘‘
’’ ہرگز نہیں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں سو فیصد سنجیدہ ہوں ۔ ‘‘
’’میں آپ کی رائے سےا تّفاق نہیں کر سکتا۔ ‘‘
’’لیکن آپ اس بات سے ضرور اتفاق کریں گے کہ اسامہ بن لادن کافی عرصہ تک سی۔ آئی۔ اے کے پے رول پر رہا اور افغانستان میں روسیوں کے خلاف امریکہ کی جنگ لڑتا رہا۔ ‘‘
’’یہ تو ٹھیک ہے۔ ‘‘ وہ احتجاجی لہجے میں بولا۔ ’’لیکن بعد میں اسامہ نے امریکہ سے غداری کی اور سعودی عرب میں امریکیوں کے خلاف جارحانہ کاروائیاں شروع کر دیں ۔ ‘‘
’’شائد آپ ٹھیک ہی کہتے ہیں ۔ ‘‘ میں نے قائل ہو جانے والے انداز میں کہا۔ ’’لیکن سوال یہ ہے کہ اگر امریکہ کو افغانستان میں روسیوں کی موجودگی پر اعتراض تھا اور اتنا سخت اعتراض تھا کہ تیسری عالمی جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا تو اگر اسامہ نے اپنے ملک میں امریکیوں کی موجودگی پر اعتراض کیا اور وہ بھی اپنے ملک کی حکومت سے، تو یہ غلط کس حوالے سے ہوا؟‘‘
گی۔ آر گے کسی سوچ میں پڑ گیا۔
’’میں نے اس حوالے سے کبھی نہیں سوچا۔ ‘‘ بالآخر اس نے اتفاق کیا۔ ’’لیکن یورپ امریکہ کی ہر پالیسی میں اس کا ساتھ نہیں دیتا۔ مسلم ممالک کی شدّت پسندی البتّہ رائے عامّہ کو متاثر کرتی ہے۔ ‘‘
’’شدّت پسندی سے آپ کی مراد ہے؟‘‘
’’میرا اشارہ افغانستان میں طالبان کی گذشتہ حکومت کی طرف ہے جو یقیناً اسامہ کی پالیسیوں پر عمل پیرا تھی۔ آپ نے دیکھا کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں مذہبی مقامات کو کس طرح پامال کیا۔ عورتوں پر کیسی کیسی پابندی عائد کیں اور چھوٹے چھوٹے جرائم پر کتنی سخت سزائیں دی گئیں ۔ ‘‘
’’بُدھ مت کی یادگاروں کو تباہ کرنے پر تو بہت سے مسلم ممالک نے بھی احتجاج کیا تھا، آپ کے خیال میں افغانستان میں کس قسم کی حکومت ہونی چاہئے؟‘‘
’’ایک یورپین تو ڈیمو کریسی کو ہی پسند کرے گا۔ ‘‘
’’ اور ڈیمو کریسی کو اپنی خواہش کے مطابق ڈیفائن کرے گا ؟‘‘
’’ہرگز نہیں ! ڈیموکریسی تو رائے عامّہ کا ہی دوسرا نام ہے۔ ‘‘
’’تو اگر افغانی رائے عامّہ طالبان حکومت کو پسند کرتی ہے، اگر افغانی رائے عامّہ اسلامی قوانین کے تحت زندگی گزارنا چاہتی ہے، اگر افغانی رائے عامّہ امریکی تہذیب و تمدن سے نفرت کرتی ہے تو امریکی اپنی رائے کیوں مسلط کرنا چاہتے ہیں ۔ اور … … … ۔ ‘‘
’’اوکے … … اوکے … پلیز۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پلیز کول ڈاؤن۔ ‘‘ وہ میری بات کاٹتے ہوئے گھبرا کر بولا۔ ’’میں امریکی نہیں ہوں اور امر یکہ کو پسند بھی نہیں کرتا۔ میں کوئی سیاستدان بھی نہیں ہوں ۔ ‘‘
مجھے احساس ہوا کہ مجھ سے حماقت سرزد ہو رہی ہے۔ میں خوامخواہ جذباتی ہو رہا تھا۔ جس طرح ایک جرنلسٹ ہونے کے ناطے حالاتِ حاضرہ سے آگاہی گی آرگے کا فرض تھا، اِسی طرح سفید فام ہونے کے ناطے یورپین نکتہ نظر کی تشہیر اُس کا حق تھا۔ ۔ ۔ ۔ لیکن وہ آسٹرین صحافی کی حیثیت سے نہیں ایک سیّاح کی حیثیت سے پاکستان آیا تھا اور کسی اختلافی بحث میں اُلجھ کر وہ اپنی اِس حیثیت کو متاثّر کرنا نہیں چاہتا ہو گا۔ عمر اور چوہدری رشید مجھے طنزیہ نظروں سے دیکھ رہے تھے۔
’’آئی ایم ویری سوری۔ ‘‘ میں نے ذرا شرمندگی سے کہا۔ ’’میں خواہ مخواہ اوور ہو گیا تھا۔ ‘‘
’’نہیں … نہیں ! اس میں سوری کی کوئی بات نہیں … اچھا ہوا کہ میں پاکستانیوں کے نکتۂ نظر سے بھی آگاہ ہو گیا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اب موضوع بدلنے کے لئے میرے ذہن میں ایک انتہائی اہم سوال ہے۔ ‘‘
’’وہ کیا؟‘‘
’’یہ سب لوگ سر جھکائے اونگھ کیوں رہے ہیں ۔ ‘‘ اُس نے سواریوں کی طرف اشارہ کیا۔ ’’ باہر کے خوبصورت منظر سے لطف اندوز کیوں نہیں ہو رہے ؟‘‘
ہم مسکرانے لگے اور ماحول کا تناؤ قدرے کم ہو گیا۔
’’یہ لوگ اسی لینڈ سکیپ کے باسی ہیں ، اسے دیکھنے کے لئے انہیں نہ تو سینکڑوں میل کا سفر کرنا پڑتا ہے اور نہ ہی ہزاروں ڈالر خرچ کرنے پڑتے ہیں ۔ ‘‘
’’اور کیوں کہ میں ہزاروں مارک خرچ کر چکا ہوں اس لئے مجھے ان مناظر سے لطف اندوز ہونے کا کوئی لمحہ ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ ‘‘ گی آر گے ایک شیشے سے باہر جھانکتے ہوا بولا۔
گی۔ آر۔ گے سے گفتگو کے دوران ہم تھیک نالہ اور بُنر نالہ کراس کر چکے تھے۔ بُنر نالہ جہاں دریائے سندھ میں داخل ہوتا ہے وہاں بُنر داس نامی چھوٹی سی آبادی ہے اور دو کلو میٹر آگے گونر فارم ہے۔ گونر فارم ایک بڑا قصبہ ہے اور یہاں سے نانگا پربت کے دیامیر بیس کیمپ کے لئے ٹریک شروع ہوتا ہے۔ گونر فارم سے تقریباً پندرہ کلو میٹر کے فاصلے پر ’’تتّا پانی‘‘ ہے۔ اس مقام پر گرم معدنی پانی کا چشمہ ہے اور یہاں زمین کی نسبتاً زیادہ گہرائی کی چٹانیں سطح پرا گئی ہیں ، اس لئے یہ جگہ ماہرینِ ارضیات کی خصوصی توجّہ کا مرکز ہے۔ جلی پور سینڈ سٹون کی چٹانیں ۱۹۳۲ء میں اسی مقام کے آس پاس دریافت ہوئی تھیں ۔
سوا نو بجے ہم رائے کوٹ پل پر پہنچ گئے۔
رائے کوٹ پل راولپنڈی سے پانچ سو بیس کلو میٹر کے فاصلے پر ہے جبکہ گلگت یہاں سے اٹہتّر کلو میٹر آگے ہے۔
بس سے اترتے ہی ہم نے خدا کا شکر ادا کیا کہ ہم رات بارہ بجے اس جگہ پر نہیں اتر رہے تھے۔ یہاں پر صرف دو چار دکانیں تھیں جو زیادہ تر بند تھیں ۔ ایک دوکان کی بیرونی دیوار پر ہاتھ سے بڑے بڑے لفظوں میں ہوٹل لکھا ہوا تھا۔ یہ شاید واحد دکان تھی جو کھُلی ہوئی تھی۔ اِس کے بالکل ساتھ پتھروں سے بنی ہوئی ایک کوٹھڑی نما جگہ تھی جس میں کچھ فوجی ڈیرہ ڈالے ہوئے تھے۔ سڑک کی دوسری جانب ایک ہوٹل کے آثار نظر آرہے تھے۔ دوکان میں قائم ہوٹل میں اس وقت صرف پیپسی مل سکتی تھی، چائے ابھی ممکن نہیں تھی کیونکہ دودھ نہیں پہنچا تھا۔
اس وقت ہم سطح سمندر سے چودہ سو میٹر کی بلندی پر نانگا پربت کے قدموں میں کھڑے تھے۔ خود نانگا پربت آٹھ ہزار ایک سو چھبیس میٹر بلند ہے۔ اس طرح چوٹی سے دریائے سندھ تک بننے والی چھ ہزار سات سو میٹر کی گہرائی دنیا کی سب سے گہری گھاٹی (World's Deepest Gorge) کہلاتی ہے۔
سڑک کراس کر کے ہم دوسری جانب گئے اور ہوٹل نُما عمارت کا رخ کیا۔ شنگریلا ہوٹل کی پگوڈا نما عمارت غالباً آثارِ قدیمہ کے بلند مرتبے پر فائز ہو چکی تھی۔ آثارِ قدیمہ کیونکہ خود بخود حکومت کی تحویل میں چلے جاتے ہیں ، یہ ہوٹل بھی چلا گیا تھا۔ فی الوقت یہاں پاکستان کی مسلّح افواج کے بہادر جوان قابض تھے اور قیام و طعام سے زیادہ قید و بند کی سہولتیں میسّر تھیں ۔ ہمارے ساتھ ان قابضین نے کافی رحمدلی کا سلوک کیا، ہم نے باتھ روم استعمال کرنے کی اجازت مانگی جو نہایت فراخدلی سے عطا کر دی گئی۔ یہاں ہماری ملاقات دو جوانوں سے ہوئی جن میں ایک کا تعلق بوریوالہ سے تھا اور وہ فوج کی مروّجہ اصطلاح کے مطابق ہمارا قریبی گرائیں تھا۔ دوسرا شیخو پورہ سے تعلق رکھتا تھا جسے ذرا دور کا گرائیں کہا جا سکتا تھا۔ انہیں پتلا چلا کہ ہمارا تعلق وہاڑی سے ہے تو ان کے لہجے میں اپنائیت سیا گئی۔
’’آپ اوپر جا رہے ہیں ؟‘‘ اُن میں سے ایک نے آسمان کی طرف انگلی اٹھا کر کہا۔
’’اللہ نہ کرے۔ ‘‘ میں نے گھبرا کر کہا۔ ’’فی الحال ہم صرف فیری میڈوز جانا چاہتے ہیں ۔ ‘‘
’’وہی … و ہی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ فیری میڈوز جانے والوں کو ہم اوپر جانے والا ہی کہتے ہیں ۔ ‘‘ اُس نے لاپرواہی سے کہا۔
’’کتنا اوپر ہے فیری میڈوز ؟‘‘
’’یہ سامنے پہاڑی دیکھ رہے ہیں ؟‘‘ اُس نے ایک طرف اشارہ کیا ۔
’’پہاڑی؟ … یہ پہاڑی ہے ؟‘‘ میں نے حیرانی سے کہا۔
’’تو کیا یہ پہاڑی نہیں ہے ؟‘‘ وہ مجھ سے بھی زیادہ حیران ہو کر بولا۔
’’میرا خیال ہے یہ اچھا خاصا اونچا پہاڑ ہے۔ ‘‘
’’بس تو پھر ٹھیک ہے! آپ کو فیری میڈوز تک جانے کے لئے ایسا ہی ایک اچھا خاصا اونچا پہاڑ کراس کرنا پڑے گا۔ ‘‘
’’لیکن وہ تو ہم جیپ پر کراس کریں گے۔ ‘‘ میں نے اطمینان سے کہا۔
’’جیپ تو آپ کو جیل گاؤں تک لے جائے گی۔ وہاں سے آپ اتنا اونچا پہاڑ عبور کر کے فیری میڈوز جاؤ گے۔ ‘‘
’’پیدل ؟‘‘ میں نے گھبرا کر کہا۔
’’سب لوگ تو پیدل ہی جاتے ہیں ۔ ‘‘ اُس نے سادگی سے کہا۔
’’ لیکن اتنی اونچی پہاڑی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میرا مطلب ہے پہاڑ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا آپ درست کہہ رہے ہیں ؟‘‘
’’میں بالکل ٹھیک کہہ رہا ہوں ، میں کل ہی اوپر سے آیا ہوں … لیکن کیا آپ نے یہاں آنے سے پہلے معلومات حاصل نہیں کی تھیں ؟‘‘
’’ معلومات تو حاصل کی تھیں ۔ کتابیں بھی پڑھی تھیں ۔ لیکن نہ تو کسی نے بتایا اور نہ ہی کہیں پڑھا کہ فیری میڈوز جانے کے لئے کوہ پیمائی بھی کرنی پڑے گی۔ ہر جگہ یہی لکھا ہوا ہے کہ یہ ایک آسان ٹریک ہے۔ ‘‘
’’آسان تو ہے،ان لوگوں کے لئے جو باقاعدہ ٹریکرز ہیں ،مگر آپ ؟ ‘‘ وہ ہماری طرف دیکھ کر خاموش ہو گیا۔
میں نے اپنے گروپ کا حقیقت پر مبنی جائزہ لیا تو باقاعدہ شرمندہ ہو گیا۔ ہم کسی طرف سے بھی ٹریکر نہیں لگتے تھے۔ طاہر اور رشید تو عظیم الشان توندوں کے مالک تھے جبکہ مجھ میں ایک کے بجائے دو دو خوبیاں تھیں یعنی توند بھی تھی اور بال بھی سفید تھے۔ عمر البتّہ ہماری ٹیم کا سب سے فِٹ اور سمارٹ ممبر تھا اور اِس ’’بالی عمر یا‘‘ پر ٹریکر ہونے کا شُبہ بھی کیا جا سکتا تھا۔ میں نے محسوس کیا کہ یہ گفتگو سن کر ہم سب کے چہرے کچھ مرجھا گئے ہیں ۔
’’کیا ہم اتنی اونچی پہاڑی کراس کر لیں گے ؟‘‘ میں نے خود کلامی کی۔
’’شاید، لیکن اِن کے لئے کافی مشکل ہو گا۔ ‘‘ اس نے چوہدر ی رشید کی طرف اشارہ کیا۔
’’ اور کیا ہم نانگا پربت کے بیس کیمپ تک پہنچ سکیں گے؟‘‘ میں نے اُس کی بات پر دھیان دیئے بغیر اُسی انداز میں کہا۔
’’ آپ بیس کیمپ پر بھی جائیں گے؟‘‘ وہ باقاعدہ اچھل پڑا اور خاصی تمسخرانہ نظروں سے ہمارا جائزہ دوبارہ لیا۔
میں خاصا شرمندہ ہوا۔ اور مجھے اپنے اندر کوئی چیز ٹوٹتی ہوئی محسوس ہوئی۔
’’ فیری میڈوز یہی سڑک جاتی ہے ناں ؟‘‘ میں نے بے جان انداز میں اس سڑک کی طرف اشارہ کیا جس پر جیپیں کھڑی تھیں ۔
’’یہ وہ سڑک نہیں ہے جو اوپر جاتی ہے۔ بلکہ اوپر تو کوئی بھی سڑک نہیں جاتی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ راستہ جس پر چل کر جیپ آپ کو فیر ی میڈوز لے جائے گی، شائد جیپ کے ایکسل کو ناپ کر ہموار کیا گیا ہے، اور صرف انسانی ہاتھوں نے بنایا ہے۔ ‘‘
یہ نزدیکی گرائیں تو میرا خون خشک کرنے پر تُلا ہوا تھا۔ طاہر نے شاید میرے احساسات کا اندازہ کر لیا، اِس لئے حوصلہ بلند کرنے کے لئے کہا:
’’ ڈاکٹر صاحب فکر نہ کریں ،ہر سال یہاں ہزاروں لوگ آتے ہیں ، کیا ہم جیسا کوئی نہیں آتا ہو گا ؟ ہم انشاء اللہ فیری میڈوز ضرور پہنچیں گے۔ ‘‘
’’تے ہور کی؟ تُسی تے نکّی نکّی گلّاں تے پریشان ہو جاندے او،ا پّاں انشأاللہ … او ہ کیہڑا پہاڑ اے؟۔ ۔ ۔ ۔ نانگا پربت؟ اونوں وی کراس کرلاں گے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایہہ کہیڑی گل اے۔ ‘‘ چوہدری رشید صاحب نے بھی مضبوط لہجے میں کہا۔
ایک جیپ ہمارے قریب آ کر رکی اور اس میں سے دو خواتین اور دو حضرات بر آمد ہوئے۔ ہم نے انہیں انتہائی حیرت سے دیکھا اور سوچا کہ منہ میں دانت نہ پیٹ میں آنت والی پھبتی کے جیتے جاگتے شاہکار یہ بابے اور بابیاں یہاں کیا لینے آ گئے ہیں ؟ اُن کی جیپ کے ڈرائیور سے استفسار کیا تو معلوم ہوا کہ یہ جاپانی خواتین و حضرات نانگا پربت بیس کیمپ ہو آئے ہیں اور اب راکا پوشی بیس کیمپ جانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ انہیں دیکھ کر ہمیں ندامت کا احساس ہوا، ہم وہاں جانے سے خوفزدہ تھے جہاں وہ لوگ ہو آئے تھے جو ہماری معاشرتی اقدار کے مطابق قبر میں پاؤں لٹکائے بیٹھے تھے۔ ان لوگوں کو دیکھ کر ہمارا گرتا ہوا مورال کچھ ٹھہر گیا۔
عمر ہمیں گفتگو کرتا چھوڑ کر جیپوں کی طرف چلا گیا تھا اور ڈرائیوروں سے مذاکرات کے بعد واپسا رہا تھا۔
’’جیپ آنے جانے کا کرایہ ڈھائی ہزار روپے وصول کرے گی۔ ‘‘ اُس نے اعلان کیا۔
’’جیپ خود وصول کرے گی ؟‘‘ طاہر نے حیرانی سے کہا ۔
’’میرا مطلب ہے ڈرائیور۔ ‘‘
’’لیکن آنے جانے کا کیوں ؟ … ہم صرف جانا چاہتے ہیں ۔ واپسی کا پروگرام بعد میں بنائیں گے۔ ‘‘
’’نہیں … یہ نہیں ہو سکتا … ان کا اصول ہے کہ جو ڈرائیور آپ کو لے کر جائے گا وہی واپس لائے گا۔ ‘‘
’’ اگر ہم چند دن وہاں رکنا چاہیں تب؟‘‘
’’ بصد شوق رُکیں ، ڈرائیو رکو اپنا پروگرام بتا دیں ۔ وہ بتائے گئے وقت پر اُس جگہ موجود ہو گا جہاں آپ کو اُتارے گا۔ ‘‘
’’ اگر ہم بیس کیمپ پہنچنے کے بعد اپنے قیام میں اضافہ کرنا چاہیں تو ؟‘‘
’’یہ شاید ممکن نہیں ۔ ‘‘
’’ایہہ تے کوئی گل نہ ہوئی۔ ‘‘ چوہدری رشید نے کہا
’’اگر آپ صرف جانا چاہتے ہیں تو اٹھارہ سو روپے لگیں گے اور واپسی کی ذمہ داری آپ کی اپنی ہو گی۔ ‘‘
’’اور واپسی پر کوئی دوسرا جیپ والا ہمیں بٹھائے گا نہیں ۔ ‘‘ طاہر نے تصدیق چاہی۔
’’یہ تو یہی کہہ رہے ہیں ۔ ‘‘ اُس نے ڈرائیوروں کی طرف اشارہ کیا۔
’’ عجیب نامعقول اُصول ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور ریٹ بھی بہت زیادہ ہے۔ چند کلو میٹر کے ڈھائی ہزار۔ ۔ ۔ ۔ یہ کہاں کا کرایہ نامہ ہے؟‘‘ طاہر نے جھنجلاہٹ سے کہا۔
’’یہا ں ایک دام، واحد کلام کا اصول ہے۔ ‘‘ ہمارے ساتھ کھڑے سپاہی نے مداخلت کی۔ ’’کوئی سو روپیہ بھی کم نہیں کرے گا۔ اِنہیں پتہ ہے کہ جو رائے کوٹ پل تک آ گیا ہے اوپر ضرور جائے گا۔ سودے بازی اس لئے بھی نہیں ہو سکتی کہ صرف وہی ڈرائیور آپ کو لے جا سکتا ہے جس کی باری ہے،باری کے بغیر کوئی لے گیا تو اسے جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ ‘‘
’’بڑا فول پروف نظام ہے۔ جب ہمارے لئے تو کوئی چوائس ہی نہیں تو سوچنا کیا؟۔ ۔ ۔ ۔ جس کی باری ہے اسے کہو ہمیں اوپر لے چلے۔ ‘‘ طاہر نے بے بسی سے کہا۔
عمر دوبارہ جیپوں کی طرف چلا گیا۔
۲۰۰۶ء کے لئے جیپ کا کرایہ تین ہزار روپے مقرّر کیا گیا ہے۔
چند منٹ بعد ایک جیپ سٹارٹ ہو کر آگے آئی اور ہمارے قریب رک گئی۔ اسٹیئرنگ پر ایک سمارٹ جسم اور چھوٹی چھوٹی سیاہ داڑھی والا ڈرائیور موجود تھا۔ یہ جیپ بھی ماشا اللہ قدرتی ایئر کنڈیشنڈ تھی اور چھت، دروازے یا باڈی جیسے تکلّفات سے یکسر بے نیاز تھی۔ جیپ کے پچھلے حصے کی سائیڈز اور عقب کو دو آہنی راڈز کے جنگلے سے محفوظ کر دیا گیا تھا۔ میں اور طاہر اگلی سیٹ پر ڈرائیور کے ساتھ بیٹھ گئے۔ چوہدری رشید اور عمر کو آہنی راڈز کے حفاظتی جنگلے سے گزر کر پچھلی سیٹوں تک پہنچنا پڑا۔ مسئلہ یہ تھا کہ راڈ زکا درمیانی فاصلہ چوہدری رشید کی گولائی سے خاصا کم تھا۔ جس ماہرانہ انداز میں چوہدری صاحب ان راڈز کے درمیان سے گزرے اسے دیکھ کر عمر نے فقرہ کسا۔
’’چوہدری صاحب کو تو جمناسٹک کی قومی ٹیم میں شامل ہونا چا ہے۔ ‘‘
’’میں ہو جاناسی جے میرا وزن صرف ڈھائی سو پونڈ گھٹ ہوندا۔ ‘‘
ہم سب اپنی اپنی جگہ فٹ ہو گئے تو جیپ نے سفر شروع کیا اور دوبارہ شاہراہِ قراقرم پرا گئی۔ یہاں ایک سائن بورڈ پر لکھا تھا:
’’ فیری میڈوز ریسورٹ ۱۵ کلو میٹر‘‘
٭٭٭
{انہیں پتھروں پہ چل کر اگر آ سکو تو آؤ}
شاہراہِ قراقرم پر تھوڑی دور تک چلّاس کی جانب سفر کرنے کے بعد ہم بائیں ہاتھ مڑے اور جیپ ٹریک پر گامزن ہو گئے۔
آغاز میں تو یہ ٹریک کافی کشادہ تھا۔ سامنے اونچی اونچی پہاڑیاں تھیں اور ان کے پہلو میں ایک پگڈنڈی نما راستہ موجود تھا جو چوٹی تک پہنچ کر نظروں سے اوجھل ہو جاتا تھا۔
’’کیا یہی وہ راستہ ہے جسے لوگ فیری میڈوز تک پیدل جانے کے لئے استعمال کرتے ہیں ؟‘‘ میں نے ڈرائیور سے پوچھا۔
’’کونسا راستہ؟‘‘
’’وہ۔ ‘‘ میں نے سیاہ لکیر کی طرف اشارہ کیا۔
’’ پیدل کیوں ؟ ‘‘ ڈرائیور تھوڑا سا مسکرا یا ’’ یہ وہ راستہ ہے جسے لوگ جیپ پر سوار ہو کرفیری میڈوز جانے کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔ ‘‘
’’ آپ کا مطلب ہے کہ یہ جیپ ٹریک ہے؟‘‘ میں نے حیران ہو کر پوچھا۔
’’تو اور کیا ہے؟ ‘‘
ہم نے اجتماعی طور پر ذرا تفصیل سے اس ٹریک کا جائزہ لیا تو ہم پر ایک خاموشی طاری ہو گئی۔ ہم نے اس قسم کی سڑک پر کبھی سفر نہیں کیا تھا۔ ناران سے آگے شاہراہ ریشم سے جو ٹریک لالہ زار تک جاتا ہے اسے کسی حد تک اس راستے سے تشبیہ دی جا سکتی ہے لیکن وہ اس کی نسبت ایک بہت محدود لینڈ سکیپ میں واقع ہے۔ یہ جیپ ٹریک تو ایک وسیع و عریض لینڈ سکیپ میں کسی اژدھے کی طرح بل کھاتا ہوا پہاڑی۔ ۔ ۔ ۔ بلکہ پہاڑ کی ایڑی سے چوٹی تک لپٹا ہوا تھا اور پھر ہیئر پن کی طرح لوپ بنا کر نہ جانے کہاں غائب ہو جاتا تھا۔ جیسے جیسے ہم آگے بڑھتے گئے جیپ ٹریک کی چوڑائی کم ہوتی گئی اور یہ زیادہ عمودی ہوتا گیا۔ کچھ دیر بعد ہم نے محسوس کیا کہ واقعی یہ ٹریک جیپ کے ایکسل کو ناپ کر تراشا گیا تھا، تراشنے والے نے سفر کرنے والوں کی سہولت کے لئے از راہِ نوازش دونوں جانب چھ چھ انچ سلائی کا حق چھوڑ دیا تھا۔
ڈرائیور نے شائد ہماری خاموشی کو محسوس کر لیا۔
’’ سر یہ راستہ بالکل بھی خطر ناک نہیں ہے۔ ‘‘
’’ اچھا ؟‘‘ ہمارے منہ سے بیک وقت نکلا۔
’’جی جناب۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ویسے آپ کہاں رہتے ہیں ؟‘‘
’’ہم وہاڑی … … آپ سمجھ لیں ملتان میں رہتے ہیں ۔ ‘‘
’’میں نے ملتان دیکھا ہوا ہے۔ بلکہ کئی سال ادھر رہا بھی ہوں ۔ آپ یہ بتائیں ملتان سے لاہور جانے والی روڈ پر روزانہ کتنے حادثے ہوتے ہیں ؟‘‘
’’کافی ہوتے ہیں ۔ ‘‘ طاہر نے جواب دیا۔
’’ لیکن اس راستے پر پچھلے چار سال سے کوئی حادثہ نہیں ہوا۔ ‘‘ اس نے فخریہ لہجے میں بتایا۔
اگر اس سڑک پر پچھلے چار سال سے واقعی کوئی حادثہ نہیں ہوا تھا تو یہ اللہ تعالیٰ کی کرم نوازی کے ساتھ ساتھ ڈرائیورز کی مہارت کا بھی کمال تھا اور یہ وجہ بھی تھی کہ یہاں ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی اور تیز رفتاری اور کراسنگ کا کوئی سوال نہ تھا۔ ہمیں قدرے اطمینان ہُوا۔
یہ راستہ کیا تھا؟ اسے بنانے کے لئے پہاڑوں کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کا خطرہ مول نہیں لیا گیا تھا۔ پہاڑ کے پہلو میں موجود چٹانوں اور پتھروں کو نہایت فنکاری سے ایک خاص انداز اور ترتیب سے جما کر یہ نادر الوجود راستہ ایجاد کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کے خالق ریٹائرڈایئر مارشل محمداصغر خان کے بھائی ریٹائرڈ بریگیڈیئر محمد اسلم خان تھے جو پاکستان میں ہوٹلوں کے سلسلے ’’شنگریلا ریسورٹ‘‘ کے مالک تھے اور جنہوں نے مقامی باشندوں سے یہ زمین اونے پونے داموں خرید لی تھی۔ بعد میں سابق مالکانِ زمین نے بطور مزدور کام کرتے ہوئے بڑی بڑی چٹانوں اور پتھروں کو اس خوبصورتی اور ترتیب سے بچھایا کہ رائے کوٹ پل سے جیل گاؤں تک یہ نام نہاد ’’جیپ روڈ‘‘ وجود میں آ گئی۔ یہ جیپ ٹریک ۱۹۸۹ء میں مکمل ہوا اور اس وقت یہ جیل گاؤں پر ختم نہیں ہو جاتا تھا بلکہ فیری میڈوز تک جاتا تھا۔ لینڈ سلائڈ کی وجہ سے ایک مرتبہ راستہ بند ہوا تو ٹریک کو جیل گاؤں تک محدود کر دیا گیا۔ کبھی کبھی کوئی چٹان ایک ہی پہلو پر لیٹے لیٹے تھک کر کروٹ بدلنے کی وجہ سے تھوڑا بہت کھسک جاتی ہے تو یہ سڑک آگے جانے کے بجائے نشیب کی طرف راہنمائی کرنے لگتی ہے۔ وہ تو شکر ہے کہ مقامی ڈرائیورز اس کی رگ رگ سے واقف ہیں ورنہ کئی کوہ نورد فیری میڈوز کے بجائے دنیا کی سب سے گہری گھاٹی میں چہل قدمی کا اعزاز حاصل کرتے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ بشرطِ زندگی!
ایئر مارشل اصغر خان کے دورِ عروج اور بریگیڈیئر اسلم خان کی زندگی میں یہ سڑک بریگیڈیئر صاحب کی ملکیت سمجھی جاتی تھی، اصغر خان کے زوال اور بریگیڈیئر صاحب کی وفات کے بعد مقامی لوگوں نے سڑک اپنی تحویل میں لے لی اور آجکل وہی اس کے منتظم ہیں ۔ کسی بھی قسم کی غیر مقامی گاڑی کا داخلہ سختی سے ممنوع قرار پایا ہے تاکہ مقامی جیپ مالکان کرائے کے تعیّن میں من مانی کر سکیں ۔
ایک موٹر پر ہلکا سا جھٹکا لگا تو طاہر نے عقب میں دیکھا اور پھر چلّانے لگا۔
’’روکو … روکو۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ڈرائیور نے گھبرا کر جیپ روکی۔
’’کی ہو گیا اے؟‘‘ چوہدری رشید نے پوچھا۔
’’پیچھے دیکھیں ۔ ‘‘ طاہر نے کہا۔
ہم نے پیچھے دیکھا تو ٹھٹک گئے۔ برف پوش چوٹیوں کی خوبصورت قطار منظر پر چھائی ہوئی تھی جو کافی دور تھی، لیکن ہمارے عقب میں موسم صاف اور چمکیلا تھا اس لئے واضح تھی۔ ڈرائیور ہماری محویت پر کچھ حیران تھا۔
’’یہ کونسی چوٹی ہے۔ ‘‘ میں نے پوچھا۔
’’یہ کئی چوٹیاں ہیں ہاراموش، دیراں ،راکا پوشی اور پتہ نہیں کون کون سی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ ۔
’’راکا پوشی !‘‘ میں نے زیرِ لب دوہرایا۔
راکا پوشی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پاکستان کے پہاڑوں کی شہزادی۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور سلسلۂ قراقرم میں میری پہلی پسند۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کوئی اپنی پہلی پسند کو اتنی جلدی بھول جایا کرتا ہے؟
زیادہ عرصہ تو نہیں گزرا۔ ۔ ۔ ۔ کل ہی کی تو بات ہے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ صرف پانچ سال پہلے۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کریم آباد کی ایک خوبصورت صبح تھی اور میں شہر سے باہر ایک چھوٹی سی پہاڑی کی چوٹی پر بے حس و حرکت کھڑا راکا پوشی کی دلکشی ا و ر رعنائی کو آنکھوں کے رَستے دِل میں بساتے ہُوئے عہدِ وفا اُستوار کر رہا تھا۔ ۔ ۔ ۔ اُسے ہمیشہ یاد رکھنے کا وعدہ تو مجھے یاد تھا لیکن خود اُسے میں نے بھُلا دیا تھا۔ ۔ ۔ ۔ راکاپوشی کا نقش تو نا پائیدار ہو ہی نہیں سکتا، جذبہ کی سچّائی ہی مشکوک تھی!
ہم نے اس خوبصورت منظر کی کچھ تصاویر لیں اور دوبارہ روانہ ہو گئے۔
ہم تاتو گاؤں کے قریب پہنچنے والے تھے اور ہم نے رائے کوٹ پل سے یہاں تک کسی بھی قسم کے سائے یا پانی کا نشان تک نہ دیکھا تھا۔ بے آب و گیاہ چٹیل پہاڑ اور اِنہی پہاڑوں سے لڑھک کر نیچے آئے ہُوئے چٹان نُما پتھر یا پتھر نُما چٹانیں ۔ ۔ ۔ ۔ دیکھنے کو اور کُچھ بھی تو نہیں تھا۔ اِس راستے پر ہم نے ایک ضعیف العمر مقامی شخص کو دیکھا، وہ اپنی کمر پر غالباً گندم کی بوری اُٹھائے ہوئے اپنی لاٹھی کے سہارے آہستہ آہستہ لیکن یکساں رفتار سے فاصلہ طے کر رہا تھا۔ وہ تھوڑی دیر چلتا، پھر کسی بڑے پتھر پر بوری کا وزن منتقل کر کے چند منٹ سانس لیتا اور دوبارہ سفر شروع کر دیتا۔ جب یہ سڑک نہیں بنی تھی تو ٹریکرز اور مقامی لوگ پیدل ہی رائے کوٹ پل سے تاتو گاؤں تک آتے تھے اور دروغ بر گردن ’’تارڑ صاب ‘‘ کئی ٹریکرز صرف اس لئے دار فانی سے کوچ کر گئے کہ اُنہوں نے رائے کوٹ پل سے کوچ کرتے وقت پانی کا کافی ذخیرہ ساتھ لانے کی زحمت نہیں کی تھی۔
ہم تاتو گاؤں کے پاس سے گزر رہے تھے جو درختوں کے تنوں اور پتھروں سے بنے چند جھونپڑوں پر مشتمل تھا۔ تاتو کا اصل اور مقامی تلفظ ’’ تَتَّو ‘‘ ہے جس کے معنی گرم کے ہیں ۔ ایک جگہ سے بھاپ کے مرغولے اُٹھ رہے تھے جو کافی بلندی تک جا رہے تھے۔ ڈرائیور نے بتایا کہ وہ گرم پانی کا چشمہ ہے اور یہی تتّو نام کی وجہ تسمیہ ہے۔ اُس کے بقول اگر مرغی کے انڈے کو کپڑے میں باندھ کر چشمے میں رکھ دیا جائے تو دو منٹ میں وہ فُل بوائل ہو جاتا ہے۔ سڑک نہیں بنی تھی تو پید ل راستہ چشمے کے قریب سے گزرتا تھا اور یہ جگہ ایک مصروف کیمپنگ سائٹ تھی۔ چشمے کے کنارے ہر وقت کافی رش رہتا تھا۔ غیر ملکی ٹریکر اور ٹریکریاں چشمے کے پانی کو بالٹی میں ٹھنڈے پانی سے ملا کر نہاتے تھے تو مقامی لوگ یہ منظر دیکھنے کے لئے اکٹھا ہو جاتے تھے۔ جیپ روڈ نے سفر آسان اور مختصر کر دیا تھا، پورے ایک دن کا ٹریک کم ہو گیا تھا۔ لیکن ساتھ ہی تاتو گاؤں کے گرم پانی کے چشمے کا اعزاز بھی چھن گیا تھا۔ اب یہاں کوئی نہیں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کوئی نہیں آئے گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
ایک اچٹتی ہو ئی نظر ڈال کر سب آگے چلے جاتے ہیں ہم بھی چلے گئے۔ کچھ ہی دور گئے تھے کہ ایک اور آبادی نظر آئی۔ یہاں تھوڑا سا رش تھا، ایک دو جیپیں بھی کھڑی تھیں ، یہی جیل نامی گاؤ ں تھا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہمارا آخری جیپ سٹاپ!
رائے کوٹ پل سے جیل تک تقریباً نو کلومیٹر کا فاصلہ ہے اور ہم اس وقت ۲۷۰۰میٹر کی بلندی پر تھے۔
آگے ہمیں پیدل جانا تھا۔ ہم نے باہم مشورہ کیا اور ڈرائیور کو تین دن بعد کا وقت دے دیا کہ وہ جمعرات کو اِسی جگہ سے ہمیں وصول کر لے۔ ہم منتظر تھے کہ وہ ہم سے کرایہ مانگے گا لیکن اس نے بتایا کہ وہ جمعرات کو رائے کوٹ پل واپس پہنچ کر کرایہ لے گا۔
’’اور اگر ہم فرار ہو گئے تو ؟‘‘ عمر نے سوال کیا۔
’’فرار ہو کے کدر جاؤ گے ؟‘‘ ڈرائیور نے حیرانی سے پوچھا۔
’’ہم نانگا پربت کراس کر کے دوسری طرف چلا جائے گا۔ ۔ ۔ وہاں سے دوسرا جیپ ہائر کرے گا۔ ۔ ۔ ۔ اور زوں کر کے واپس۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ عمر نے ہاتھ سے باقاعدہ اشارہ کیا۔
ڈرائیور پہلے تو حیران ہُوا پھر اُس نے زور دار قہقہہ لگایا۔
آپ اُدر سے ضرور فرار ہو جاؤ۔ ۔ ۔ ۔ تاکہ ہم بھی اس ڈرائیوری پر لعنت بھیج کر کوئی چھوٹا موٹا بزنس شروع کر سکے۔ ‘‘
’’تینوں کی فائدہ ہوئے گا؟‘‘ چوہدری صاحب نے حیرانی سے پوچھا۔
’’لو جی آپ کو پتہ ہی نہیں ؟یہ اتنا بڑا واقعہ ہو گا کہ پوری دنیا میں دھوم مچ جائے گا، ایک پاکستانی نے ڈھائی ہزار روپے بچانے کے لئے نانگا پربت کراس کر لیا۔ آپ کو تو جو انعام ملے گا … وہ ملے گا۔ ۔ ۔ ۔ ہمیں بھی کافی رقم ہاتھ آئے گی کیونکہ ہماری مشہوری ایسے ڈرائیور کے طور پر ہو گی جس نے آپ کو نانگا پربت کراس کرنے پر مجبور کیا۔ ‘‘
وہ کافی دیر خوش دلی سے ہنستا رہا۔
ہم نے اپنے اپنے رُک سیک اٹھائے، ڈرائیور کو خدا حافظ کہا اور راستے کے بارے میں معلومات حاصل کر کے آگے روانہ ہو گئے۔ تھوڑی ہی دور چلے تھے کہ راستہ معدوم ہو گیا۔ تقریباً پچاس گز تک کوئی راستہ نہیں تھا اور پتھر ہی پتھر تھے۔ ہم رک گئے اور سوچنے لگے کہ کدھر جائیں ؟ابھی ہم کوئی فیصلہ نہیں کر پائے تھے کہ ایک آواز آئی۔
’’السلام علیکم!‘‘
آواز خاصی زور دار تھی۔ یہ ایک باریش مقامی شخص تھا، جو ایک چھوٹی سی پوٹلی ہاتھ میں لئے پتھروں پر چلتا ہوا ہماری جانب آ رہا تھا۔ ہم نے با جماعت اس کے سلام کا جواب دیا۔
’’ ام عبدالرحمن اور تم ؟‘‘ اُس نے پہلے اپنے اور پھر عمر کے سینے پر ہاتھ رکھا۔
’’ہم عمر۔ ‘‘ عمر نے جواب دیا۔
’’کدھر سے آتا ہے؟‘‘
’’وہاڑی سے۔ ‘‘
’’ کدھر جاتا ہے؟‘‘
’’ فیری میڈوز۔ ‘‘
’’کیوں جاتا؟‘‘
’’بس ایسے ہی۔ ۔ ۔ سیر کرنے۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ٹیک اے اللہ حافظ۔ ‘‘ اس نے اطمینان سے کہا اور روانہ ہونے لگا۔
’’ارے ارے۔ ‘‘ طاہر اس کے پیچھے لپکا۔ ’’ہمیں راستہ تو بتاتے جاؤ اب ہم کدھر جائیں ؟‘‘
’’ یہ سیدھا راستہ تو ہے۔ ‘‘ اس نے اشارہ کیا۔
’’یہ راستہ کدھر ہے ؟یہ تو پتھر ہیں ۔ ‘‘
’’بس تھوڑی دور پتھر اے پھر دوبارہ راستہ شروع ہو جائے گا۔ ‘‘
’’لیکن یہ تھوڑی دور کا راستہ ختم کیسے ہو گیا ؟‘‘
عبدالرحمن کے چہرے پر افسردگی چھا گئی۔
’’پچھلے سال تک اِدر ہمارا گھر ہوتا تھا اور یہ سڑک ہمارے گھر کے پاس سے گزرتا تھا … اور اِدر … دوسرا گھر بھی ہوتا تھا۔ ‘‘
’’پھر؟‘‘
’’پھر لینڈ سلائیڈ ا گیا۔ ‘‘
’’لینڈ سلائیڈنگ؟‘‘
’’ہاں ناں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ادھر دیکھو۔ ‘‘ اس نے دائیں جانب اشارہ کیا۔
ہم نے اس کے اشارے کا تعاقب کیا تو واقعی پہاڑ کے تسلسل میں ایک خلا تھا۔ ایسا لگتا تھا جیسے کسی سنگتراش نے نہایت صفائی سے پہاڑ کا ایک حصہ جدا کر کے نیچے بکھیر دیا ہو، یہی حصہ بڑے بڑے پتھروں کی شکل میں ہمارا راستہ روکے ہوئے تھا۔
’’آپ لوگوں کے گھر پتھروں کے نیچے دب گئے؟‘‘ میں نے پوچھا۔
اُس نے افسردگی سے میری طرف دیکھا لیکن کوئی جواب نہ دیا، اس کی آنکھوں میں جھلملاتے آنسو ہی میرے سوال کا جواب تھے۔
’’ اور گھروں میں رہنے والے ؟‘‘ میں نے ڈرتے ڈرتے پوچھا۔
’’خدا کا شکر ہے اماری جانیں بچ گئیں ۔ یہ حادثہ رات کے وقت ہو تا تو ام سب مر جاتا۔ لیکن یہ دن کا وقت تھا عصر کا ٹائم سمجھ لو۔ ہم لوگوں نے پتھروں کو آتے دیکھ لیا اور گھروں سے نکل کر دور بھاگ گیا مگر امارا گھر، امارا سامان اور امارا جانور ان پتھروں میں دب گیا۔ ام ابی تک نئے گھر نہیں بنا سکا اور ٹینٹوں میں رہتا اے۔ ‘‘ اس نے ایک جانب اشارہ کیا۔
اس کے لہجے کی حسرت و یاس نے ہمیں جھنجھوڑ دیا۔ وہاں واقعی پندرہ بیس خیمے لگے ہوئے تھے جن کے درمیان کہیں کہیں سے دھواں اٹھ رہا تھا۔ ہم نے خوفزدہ نظروں سے ایک مرتبہ پھر دائیں جانب دیکھا جہاں سے پتھر نیچے آئے تھے۔ اِن ہولناک ویرانوں میں زندگی کتنی کٹھن تھی۔
صدیوں کی یہ ویرانی، یہ ریگ بیابانی
میلوں میں نہیں دانہ، کوسوں میں نہیں پانی
فطرت کے ’’مقابر‘‘ کی کرتا ہے نگہبانی
یا بندۂ صحرائی، یا مردِ کہستانی
بوجھل دل کے ساتھ عبدالرحمن سے اظہار افسوس کیا اور ہاتھ ملا کر آگے کی جانب چل د ئے۔ اب ہم ایک احساس ندامت کے ساتھ ان پتھروں پر سے گزر رہے تھے جن کے نیچے نہ جانے کتنے خاندانوں کے ارمان دفن تھے۔ ان لوگوں کی غربت کا صحیح ادراک بھی ہوا جو ایک سال کے طویل عرصے میں لکڑی کے تنوں سے بھی اپنا گھر نہیں بنا سکے تھے۔ تقریباً آدھا گھنٹہ چلنے کے بعد ہم ایک پہاڑی نالے پر پہنچے۔ یہاں تک آتے آتے ہمارے سانس پھول چکے تھے۔ چوہدری رشید کی حالت بہت زیادہ خراب تھی اور اس کے چہرے پر شدید نقاہت کے آثار تھے۔ نالے پر پہنچ کر ہم نے جی بھر کے ٹھنڈا پانی پیا۔ نالے پر درخت کے تنے سے بنے ہوئے پل کو عبور کر کے ہم اس مقام تک پہنچے جسے پونی پوائنٹ یا خچر سٹاپ کہا جاتا ہے۔ یہاں لکڑی کے ایک دو کیبن بنے ہوئے تھے اور ایک سایہ دار جگہ پر لکڑی کے چند بنچ پڑے تھے جن پر مقامی لوگ بیٹھے چائے کی چسکیاں لے رہے تھے۔ چند قدم دور ایک کیبن کے سامنے بنے لکڑی کے چبوترے پر ٹریکرز کا ایک گروپ بیٹھا نظر آیا جو کچھ کچھ پنجابی لگتا تھا ہم ان کی جانب بڑھ گئے۔
’’السّلامُ علیکم۔ ‘‘
’’وعلیکُم السّلام۔ ‘‘ اُن لوگوں نے کورس کے انداز میں جواب دیا۔
تعارف کے بعد علم ہوا کہ ان لوگوں کا تعلق لاہور سے تھا اور یہ فائن آرٹس کالج کے سٹوڈنٹس تھے۔ یہ لوگ ابھی ابھی فیر ی میڈوز سے واپس آئے تھے۔ ہم نے ان سے کچھ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی اور دریافت کیا کہ فیری میڈوز تک بقیہ راستہ کیسا ہے؟
’’بقیہ کا کیا مطلب ؟ ا بھی راستہ شروع ہی کہاں ہوا ہے؟‘‘ ایک باڈی بلڈر قسم کے نوجوان نے جواب دینے کے بجائے سوال داغ دیا۔
’’ شرو ع ہی نہیں ہوا ؟‘‘ عمر نے گھبرا کر پوچھا۔ ’’اور یہ جو ہم جیپ سے اُتر کے پورے ایک گھنٹے میں یہاں آئے ہیں ؟‘‘
’’یہ کسی گنتی میں نہیں آتا۔ ‘‘ اُس نے بے نیازی سے جواب دیا۔ ’’جیپ پہلے یہاں تک ہی آتی تھی اور فیری میڈوز کا پید ل ٹریک یہیں سے شروع ہوتا ہے۔ ‘‘
’’ اچھا!۔۔ ۔ چلیں یہ بتا دیں کہ آگے راستہ کیسا ہے؟‘‘
’’ اچھا خاصا نا معقول ہے جی۔ ‘‘ ایک اور نوجوان نے بیزاری سے کہا۔
’’کیا؟‘‘ میں نے چوہدری رشید کے چہرے پر ہوائیاں اڑتی دیکھ کر کہا۔ ’’میں نے تو پڑھا تھا کہ جَیل سے فیری میڈوز تک دو گھنٹے کی ایزی واک ہے۔ ‘‘
’’ ایزی واک ہے۔ ‘‘ اُس نے منہ بگاڑ کر دوہرایا۔ ’’اِس ایزی واک کے دوران ہر دس منٹ کے بعد ہمارا سانس پھول جاتا تھا، آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا جاتا تھا، مسل کریمپس کی وجہ سے قدم اٹھانا نا ممکن ہو جاتا تھا اور۔۔ ۔ ۔ اور۔۔ ۔ ۔ یہ آسان واک تھی۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہونہہ۔ ‘‘
’’ جیپ سے اترنے کے بعد یہاں تک آپ نے آدھا یا پونا کلو میٹر فاصلہ اور تقریباً پچاس میٹر کی بلندی طے کی ہے۔ ’’باڈی بلڈر نے وضاحت کی۔ ’’ ابھی ساڑھے پانچ کلومیٹر کا فاصلہ اور تقریباً ساڑھے چار سو میٹر کی بلندی باقی ہے۔ ‘‘
’’میرا تو دل کر رہا تھا اپنا سامان یہیں پھینک پھانک کر واپس چلا جاؤں ، لیکن پرابلم یہ تھا کہ میں سامان مانگ کر لایا تھا۔ ‘‘ ایک اور نوجوان نے لقمہ دیا۔ ’’یہ ہرگز ہرگز ایزی واک نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ یہ تو بہت ہی بہاولپور قسم کی چڑھائی ہے۔ ‘‘
’’بہاولپور قسم؟‘‘
’’اس کا مطلب ہے بی پی قسم کی چڑھائی۔ ‘‘ اس نے مسکراتے ہوئے وضاحت کی۔
’’بی پی قسم دی چڑھائی کی ہوندی اے جی؟‘‘ چوہدری صاحب نے معصومیت سے پوچھا۔
لاہوریوں نے زوردار قہقہہ لگایا۔
’’جسے بی پی کا پتہ نہیں اُسے پنجابی بولنے کا کوئی حق نہیں۔ ‘‘
چوہدری صاحب کو بی پی کے معانی سمجھائے گئے تو اُن کے چہرے پر زلزلے کے آثار نظر آنے لگے۔
’’دراصل ہم نے غلطی کی کہ سامان خود اٹھایا تھا۔ ‘‘ باڈی بلڈر نے سمجھانے والے انداز میں کہا۔ ’’آپ کے پاس تو سامان کم ہے، ہم تو کیمپنگ اور کوکنگ کا سامان بھی ساتھ لائے ہیں اور اتنے سامان کے ساتھ یہ چڑھائی عبور کرنا سراسر حماقت تھی۔‘‘
’’آپ تو بہت خوفناک صورتحال بتا رہے ہیں۔ گائیڈ بکس میں تو۔۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’گائیڈ بکس کی تو … … ‘‘ پہلے والے نوجوان نے نہایت جوش و خروش سے گائیڈ بُکس کو ناقابلِ بیان گالی دی۔ ’’انہوں نے ہی تو ہمیں بھی مروایا۔ یقین کریں جب ہم پانچ گھنٹے کی ٹریکنگ کے بعد اوپر پہنچے تو سب سے پہلے نظر آنے والے ہوٹل کے سامنے اپنے اپنے بیگ پھینک کر لم لیٹ ہو گئے۔ ہم سب ہی بری طرح ایگزہاسٹڈ تھے۔ تھوڑی دیر بعد ہوش و حواس بحال ہوئے تو شدید تھکاوٹ کے علاوہ ہمیں صرف ایک چیز کا احساس ہوا اور وہ تھی بھوک … ہوٹل والے نے پوچھا کیا کھائیں گے ؟تو ہم نے جواب دیا کہ جو ہے، جہاں ہے، جیسا ہے کی بنیاد پر سب کچھ لے آؤ۔ ‘‘
’’ جو کچھ وہ لایا اور ہم نے کھایا، ہمیں ابھی تک پتہ نہیں کہ وہ کیا تھا۔ ‘‘ ایک دوسرے نوجوان نے فقرہ مکمل کیا۔
’’ اور کھانے کے بعد؟‘‘
’’کھانے کے بعد ہم بستر پر ڈھیر ہو گئے، پھر سو گئے۔ ‘‘
’’ فیری میڈوز نہیں دیکھا؟‘‘
’’اُس دن تو ہاتھ پاؤں ہلانے کی ہمت ہی نہیں ہوئی اس لئے فیری میڈوز کے دیدار کو اگلے دن تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ ‘‘
میرے ساتھی یہ گفتگو سُن کر دم بخود تھے اور ٹیم کا مورال ایک مرتبہ پھر ڈاؤن ہوتا جا رہا تھا۔
’’اچھا یار یہ بتاؤ فیری میڈوز قابل دید جگہ توہے ناں ؟ … یہ نہ ہو کہ اتنی محنت و مشقّت کے بعد ہم اوپر پہنچیں اور منہ لٹکا کر واپس آ جائیں۔ ‘‘
’’ نہیں … نہیں … ایسی بات نہیں ہے۔ ‘‘ ان میں سے ایک پر جوش لہجے میں بولا۔ ’’ فیری میڈوز بہت خوبصورت جگہ ہے۔ آپ اوپر پہنچیں تو سہی، خود ہی اُس کے اسیر ہو جائیں گے … ایسے مناظر آپ نے شاید ہی کبھی دیکھے ہوں۔ ۔ ۔ ۔ اور وہاں کے پانیوں کا تو جواب ہی نہیں۔ ۔ ۔ ۔ پہاڑی جھرنے دلکش اور خوبصورت تو ہیں ہی، پینے میں ان کا پانی حقیقی منرل واٹر ہے۔۔ ۔ ۔ میں نے آج تک فیری میڈوز سے زیادہ خوبصورت جگہ کہیں نہیں دیکھی۔ ‘‘
’’ تم نے لاہور سے باہر کتنے مقامات دیکھے ہیں۔ ‘‘ اس کے ساتھی نے تیکھے لہجے میں پوچھا۔
’’جلّو پارک دیکھا ہے۔ ‘‘ اُس نے بھی اسی لہجہ میں جواب دیا اور ایک قہقہہ بلند ہوا۔
’’ بیس کیمپ تک جانے والا راستہ کیسا ہے؟‘‘ میں نے پوچھا۔
’’پتہ نہیں !ہم بیس کیمپ جا ہی نہیں سکے۔ ‘‘
’’مگر کیوں ؟‘‘ میں نے حیرانی سے پوچھا۔ ’’کیا وہاں جانا آپ کے شیڈول میں نہیں تھا۔ ‘‘
’’شیڈول میں تو تھا قسمت میں نہیں تھا۔ اِس غیر شیڈولی چڑھائی نے ایسی مت ماری کہ سارے شیڈول کا ستیاناس ہو گیا۔ ‘‘ باڈی بلڈر نے باقاعدہ پیشانی پر ہاتھ مارتے ہوئے کہا۔ ’’ہم بیال کیمپ سے روانہ ہو کر ویو پوائنٹ پر پہنچے اور گائیڈ نے بتایا کہ بیس کیمپ جانے کے لئے سامنے والی پہاڑی کراس کرنا ہو گی تو ہماری ہمت جواب دے گئی اور ہم منہ لٹکا کر واپسا گئے۔ ‘‘
اڑڑڑ … دھڑام … سپنوں کا محل اچانک ہی زمین بوس ہو گیا۔۔ ۔ ۔ ۔ یہ اِتنے سُپر فِٹ طالبعلم بیس کیمپ نہیں پہنچ سکے۔۔ ۔ ۔ تیرا کیا بنے گا کالیے؟
’’ لیکن آپ انشاء اللہ پہنچ جائیں گے۔ ‘‘ اُن میں سے ایک نے خلوص سے کہا۔ ’’ہماری سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ ہم سامان خود اٹھا کر چل پڑے۔ آپ ایسا کریں کہ دو گھوڑے کرائے پر لے لیں ، ایک پر سامان لاد دیں اور دوسرے پر باری باری سفر کر لیں ، اس طرح تھکاوٹ نہیں ہو گی۔ ‘‘
ہم تو جیپ سے اُترنے کے بعد یہاں تک آنے میں ہی تھکاوٹ محسوس کر رہے تھے اور سمجھ رہے تھے کہ ہم نے ایک تہائی راستہ تو طے کر ہی لیا ہو گا۔ اب پتہ چلا کہ اصل سفر ابھی باقی ہے تو ہاتھوں کے نہ صرف طوطے اُڑ گئے بلکہ وہ طوطیوں کو بھی ساتھ لے اڑے۔ نئی صورتحال سامنے آنے کے بعد ہماری ’’سر جوڑ کانفرنس‘‘ میں فیصلہ ہوا کہ ان لوگوں کے تجربات سے فائدہ نہ اٹھانا بیوقوفی ہو گی اور ہمیں گھوڑے ہائر کر لینے چاہئیں۔
’’میں اَگّے نئیں جا سکدا، میں واپس جاوانگا۔ ‘‘ چوہدری رشید نے خوفزدہ لہجے میں کہا۔
’’اگر تم نے واپس جانے کا نام لیا تو ہم تینوں مل کر تمہاری ٹھکائی کریں گے۔ ‘‘ طاہر نے آستینیں چڑھاتے ہوئے کہا۔
’’نئیں یار۔۔ ۔ ۔ اے چڑھائی میرے وس دا روگ نئیں۔ ‘‘
’’چوہدری صاحب ہم آپ کے لئے گھوڑے کا بندوبست کر لیتے ہیں فکر نہ کریں۔ ‘‘ میں نے اُنہیں تسلّی دی۔
’’آہستہ بولیں جی! گھوڑے نے سن لیا تو وہ فکر کرنے لگے گا۔ ‘‘ لاہوری گروپ نے فقرہ ا چھالا۔
’’ڈاکٹر صاحب میرے لئے بہت مشکل ہے۔ ‘‘ چوہدری رشید نے بے بسی سے کہا۔
’’اگر گھوڑا مل جائے تو کیا مشکل ہے؟‘‘
’’ گھوڑے کے لئے البتہ مشکل ہو جائے گی۔ ‘‘ لاہوریوں کی طرف سے دوبارہ ہانک لگائی گئی۔
چوہدری صاحب بظاہر خاموش ہو گئے، لیکن بے بسی اور مظلومیت اُن کے چہرے سے صاف عیاں تھی۔
فیصلہ یہ ہوا کہ میں اور عمر پیدل ٹریک کا آغاز کریں گے جبکہ طاہر اور چوہدری صاحب بمعہ سامان گھوڑوں پر سفر شروع کریں گے۔ جب وہ ہم تک پہنچیں گے تو ہم گھوڑوں پر سوار ہو جائیں گے اور وہ لوگ پیدل چلیں گے۔ ہم نے دو گھوڑے ہائر کر لئے۔ آٹھ سو روپے فی گھوڑا کرایہ طے ہوا البتّہ اگر ہم واپسی میں بھی گھوڑے استعمال کرتے تو آنے جانے کا کرایہ بارہ سو روپے فی گھوڑا چارج کیا جاتا۔ گھوڑا مالکان نے کہا کہ گھوڑے چارہ اور پانی کھا پی کر تازہ دم ہو لیں تو وہ روانہ ہو گے۔
میں اور عمر چل پڑے، اور اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ انتہائی نامعقول چڑھائی تھی۔ عادی قسم کے ٹریکرز کے لئے تو شاید یہ آسان راستہ تھا کیونکہ ٹریک کافی چوڑا تھا جو سر سبز پہاڑی کے کنارے پر تھا اور خطرناک بالکل نہیں تھا۔ ہماری ٹانگیں میدانی علاقوں کی عادی تھیں ، تھوڑی سی چڑھائی کو بھی محسوس کرتی تھیں اور یہاں تو تقریباً عمودی چڑھائی تھی۔ اس راستے میں ایک اور قباحت بھی تھی کہ منظر بالکل نہیں بدلتا تھا۔ دائیں ہاتھ پہاڑی تھی جو خدا کا شکر ہے کہ چٹیل نہیں تھی اور بائیں طرف دنیا کی سب سے گہری گھاٹی تھی۔ کتابوں سے حاصل شُدہ معلومات کے مطابق ہم ’’صنوبر کے ایک خوبصورت جنگل‘‘ سے گزر رہے تھے لیکن ہمیں آسمان تک جاتی ہوئی پگڈنڈی کے سِوا کچھ اور نظر ہی نہیں آ رہا تھا۔
تھوڑی دیر میں ہی ہماری ٹانگوں نے ساتھ دینے سے انکار کر دیا۔ ہم پندرہ بیس قدم چل کر ہانپنے لگتے اور منظر سے لطف اندوز ہونے کا بہانہ کر کے ادھر ادھر نظر دوڑاتے۔ تو وہی منظر چاروں طرف موجود ہوتا۔ ہم آہستہ آہستہ سفر جاری رکھے ہوئے تھے اور طاہر اور چوہدری صاحب پر رشک کر ہے تھے جو نہایت مزے سے گھڑ سواری کا لطف لیتے ہوئے آ رہے ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ شکر کر رہے تھے کہ ہمارے رک سیک ہماری پشت پر سوار نہیں ہیں۔ اب ہمیں اس مشورے کی اہمیت کا انداز ہ ہوا کہ سامان کے لئے گھوڑا ہائر کر لیا جائے۔ سٹریپ کی مدد سے شانے پر لٹکا ہوا کیمرہ بھی ایک بوجھ محسوس ہوتا تھا۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ا گر رک سیک بھی موجود ہوتا تو۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ؟
دو قدم چلنا ہُوا دُشوار، یارو کیا کروں ؟
حوصلہ کم فاصلہ بسیار، یارو کیا کروں ؟
بی پی کا مطلب اب ہمیں اچھی طرح سمجھ آ گیا تھا۔
آہستہ آہستہ سفر کرتے ہوئے ہمیں تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ ہو گیا اور میں محسوس کر رہا تھا کہ صورتِ حال کچھ بہتر ہو رہی ہے۔ ٹانگیں شاید اب چڑھائی کی عادی ہو گئیں تھیں۔ سانس پھولنے اور ہانپنے کی شدت میں بھی کچھ کمی ہو گئی تھی … یہ میرا تاثّر تھا۔۔ ۔ ۔ لیکن عُمر؟۔۔ ۔ ۔ ۔ میں نے دیکھا کہ عمر جو مجھ سے آگے جا رہا تھا ایک پتھر پر بیٹھ گیا تھا۔
’’ڈاکٹر صاحب چڑھائی بہت مشکل ہے۔ ‘‘
’’چڑھائی تو واقعی مشکل ہے ! لیکن چلتے ہی رہیں تو بہتر ہے۔ ‘‘
’’تھوڑی دیر ریسٹ کر لیں پھر چلیں گے۔ ‘‘
’’ٹھیک ہے۔ ‘‘ میں نے اتفاق کیا۔ جب تک طاہر اور چوہدری صاحب نہیں آتے ہمیں کونسا جلدی تھی ؟لیکن وہ ابھی تک آئے کیوں نہیں ؟ تقریباً بیس منٹ آرام کرنے کے بعد ہم نے دوبارہ سفر شروع کر دیا … لیکن اس مرتبہ عمر کی حالت کچھ ٹھیک نہیں تھی۔ عُمر کے چہرے پر نقاہت کے آثار تھے اور اس کے قدم لڑ کھڑا رہے تھے۔
’’کیا بات ہے؟‘‘ میں نے پوچھا۔ ٍ
’’میری طبیعت خراب ہو رہی ہے۔ ‘‘ اُس نے نقاہت زدہ لہجے میں کہا اور ایک بڑے پتھر پر دراز ہو گیا۔ میں نے غور سے اس کے چہرے کی طرف دیکھا تو پریشان ہو گیا۔ اس کا چہرہ پیلا پڑ گیا تھا اور پسینے کے قطرے پیشانی پر چمک رہے تھے۔ نبض چیک کی تو تشویش میں اور اضافہ ہو گیا۔ نبض کی رفتار ایک سو بیس سے زیادہ تھی۔ اب مجھے ایک بہت بڑی حماقت کا احساس ہوا۔ نمکول کے پیکٹ اور بسکٹ ہم سامان کے ساتھ ہی چھوڑ آئے تھے۔ پانی کی صرف ایک بوتل ہمارے پاس تھی جو قطعاً ناکافی تھی۔ عمر نے بوتل کو منہ لگا کر پانی پیا اور تقریباً آدھی بوتل خالی کر دی۔ مجھے بھی شدید پیاس لگ رہی تھی میں نے بھی پانی پیا۔ طاہر اور رشید کے ابھی تک نہ آنے سے بھی پریشانی میں اضافہ ہو رہا تھا۔ عمر تقریباً نیم غشی کی حالت میں تھا۔ میں نے بے چینی سے عقب میں نظر دوڑائی تو ایک گھوڑے کی جھلک نظر آئی۔ مجھے کچھ اطمینان ہوا اور میں گھوڑے کے قریب آنے کا انتظار کرنے لگا۔
گھوڑا قریب آیا لیکن اس پر طاہر یا رشید سوار نہیں تھے۔ اس پر دو بچے سوار تھے جو کورین یا جاپانی لگتے تھے۔ گھوڑے کے مالک کو میں نے پہچان لیا، یہ تو وہی تھا جس کا گھوڑا ہم نے ہائر کیا تھا۔
’’ہمارے ساتھی کہاں ہیں ؟‘‘ وہ قریب آیا تو میں نے بیتابی سے پوچھا۔
’’وہ پیچھے آتا اے دوسرے گھوڑے پر۔ ‘‘
’’ لیکن ہم نے تو آپ سے بات کی تھی ؟‘‘
’’تمہارا ساتھی بوت بھاری ہے امارا گھوڑا کمزور اے۔۔ ۔ وہ دوسرے گھوڑے پر آتا اے۔ ‘‘
’’دوسرا گھوڑا کہاں سے آئے گا۔ ‘‘
’’بس دو گھوڑوں کے بعد اس کی باری آئے گی وہ بہت مضبوط گھوڑا اے۔۔ ۔ ۔ آپ کے ساتھی کو اٹھا لے گا۔ ‘‘
میری تشویش میں اضافہ ہو گیا۔
’’ابھی کتنا فاصلہ باقی ہے ؟‘‘
’’ابی آدھا فاصلہ باقی اے۔۔ ۔ ۔ ‘‘
’’آدھا؟‘‘ میں نے پریشان لہجے میں دوہرایا۔
’’مگر باقی راستہ آسان اے، چڑھائی تقریباً ختم ہو گئی اے۔ ‘‘ اس نے پاس لیٹے ہوئے عمر کی حالت کا انداز ہ کرتے ہوئے کہا۔
’’ ہمارے پاس پانی بھی ختم ہو گیا ہے۔ ‘‘
’’بس توڑا سا آگے پانی ملے گا۔ ‘‘ اس نے بتایا۔ ’’ادر بالکل پاس ایک ہوٹل اے جہاں بوتل بی ملے گا اور پانی بی۔ ‘‘
’’ اللہ مالک ہے۔ ‘‘ اس کی باتوں سے کچھ اطمینان ہوا۔
میں نے عمر سے اس کی طبیعت پوچھی، جواب کسی حد تک اطمینان بخش تھا۔ عمر اب دیکھنے میں بھی کچھ بہتر لگ رہا تھا۔ نقاہت تو باقی تھی لیکن دل کی دھڑکن معمول پرا چکی تھی۔ وہ آہستہ آہستہ اٹھ بیٹھا اور کچھ دیر بعد کھڑا ہو گیا۔
’’چلیں ڈاکٹر صاحب۔ ‘‘ اس نے حوصلہ مند آواز میں کہا۔
لیکن میں نے اسے روک دیا۔ بے شک عمر کی طبعیت بہتر ہو رہی تھی لیکن ساتھیوں کا انتظار کرنے میں کوئی مضائقہ نہ تھا کیونکہ اس عرصہ میں مزید بہتری متوقّع تھی، لہٰذا میں بھی عمر کے برابر میں ہی پتھروں پر دراز ہو گیا۔ تقریباً تیس منٹ کے مزید انتظار کے بعد طاہر ہمارے پاس پہنچا۔ وہ گھوڑے پر سوار تھا۔
’’چوہدری صاحب کہاں ہیں ؟‘‘ میں نے سوال کیا۔
’’وہ پیچھےا رہے ہیں۔ ‘‘
میں نے اسے عمر کی طبیعت کے بارے میں بتایا۔ بیگ سے بسکٹ نکال کر عمر کو کھلائے گئے۔ نمکول اور گلوکوز پانی میں حل کر کے عُمر کو پلایا اور ہم نے بھی پیا۔ عُمر کی طبیعت میں ڈرامائی تبدیلی آئی اور وہ ایک دم ہی چاق و چوبند نظر آنے لگا۔ ہم نے ٹریکنگ کے دوران گلوکوز اور نمکول کی افادیت کا عملی مظاہرہ دیکھا۔ گھوڑے کے ’’ڈرائیور‘‘ کا نام ریاض تھا جبکہ اس کا کزن شاہد بھی ساتھ تھا۔ طاہر نے بتایا کہ یہاں تک آتے آتے گھوڑے نے بھی کئی جگہ ریسٹ کیا تھا تو ہمیں جگہ جگہ رُکنے پر جو شرمندگی ہوئی تھی وہ کم ہو گئی۔ اب طاہر نے میرا ساتھ دیا اور عمر کو گھوڑے پر سوار کرا دیا گیا۔ تھوڑی دور چل کر ہم ایک کیبن کے پاس پہنچے جو ہوٹل کہلاتا تھا۔ یہاں قریب ہی ٹھنڈے پانی کا ایک جھرنا بھی تھا۔ ہم نے جنم جنم کے پیاسوں کی طرح پانی پیا۔ ہوٹل میں پیپسی موجود تھی، صرف پچاس روپے فی بوتل … ہم نے پانچ بوتلوں کے ڈھائی سو روپے ادا کئے۔۔ ۔ میں نے از راہِ تفنّن ہوٹل والے کو یاد دلایا کہ شاہد اور ریاض تو مقامی ہیں ، لہٰذا ان کے لئے بوتلوں کا ریٹ مختلف ہونا چاہئے۔ میں نے مذاق کیا تھا لیکن ہوٹل والے نے سچ مچ چالیس روپے واپس کر دئیے، ان دونوں کے لئے بیس روپے فی کس رعایت کر دی گئی۔
یہاں ہم نے کافی دیر آرام کیا۔ ہمیں چوہدری صاحب کا انتظار تھا۔
’’ میرا خیال ہے کہ ہم چلتے ہیں۔ ‘‘ طاہر نے کہا۔
’’لیکن چوہدری صاحب ؟ ‘‘
’’وہ گھوڑے پر آ رہا ہے پہنچ ہی جائے گا۔ ‘‘
ہم نے دوبارہ سفر شروع کر دیا۔
اس کیبن نما ہوٹل سے آگے نانگا پربت لمحہ بہ لمحہ زیادہ واضح ہوتا جاتا ہے لیکن افسوس کہ اس وقت یہ بڑی حد تک بادلوں میں چھپا ’’صاف چھپتے بھی نہیں ، سامنے آتے بھی نہیں ‘‘ کی تصویر بنا ہوا تھا۔ تقریباً ایک گھنٹہ مزید سفر کے بعد شاہد خاں نے اعلان کیا کہ ہم فیری میڈوز پہنچا ہی چاہتے ہیں۔ اس جگہ چڑھائی ایک مرتبہ پھر عمودی ہو گئی تھی اور ہمارے ہانپنے کی رفتار دوبارہ بہت تیز ہو گئی تھی، شاید اِسی لئے شاہد خان نے ہمیں دِلاسا دینا مناسب سمجھا، ورنہ فیری میڈوز پہنچنے کے لئے ہمیں اس اعلان کے بعد بھی کافی دیر تک چلنا پڑا تھا۔
’’شکر ہے چوہدری صاحب گھوڑے پرا رہے ہیں۔ ورنہ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ میں نے فقرہ ادھورا چھوڑ دیا۔
’’اور اگر یہاں گھوڑے نہ ہوتے تو … … ؟ ‘‘ طاہر نے پوچھا۔
’’جیپ سٹاپ سے پونی پوائنٹ تک آتے آتے اُنکا جو حال ہوا تھا اُس کے مدّ نظر تو چوہدری صاحب کے لئے یہ سفر ناممکن تھا۔ ‘‘
’’یعنی چوہدری صاحب واپسی کی ضد کرنے پر حق بجانب تھے؟‘‘
’’یار اب اس فضول بحث سے فائدہ؟ویسے میرا یہی خیال ہے کہ گھوڑوں کی عدم دستیابی کی صورت میں ’’چوہدری دی واپسی‘‘ ہی مناسب فیصلہ ہوتا۔ ‘‘
’’آپ کی اطلاع کے لئے عرض ہے کہ یہ مناسب فیصلہ ہو چکا ہے۔ ‘‘
’’کیا مطلب ؟چوہدری صاحب واپس جا چکے ہیں ؟‘‘ میں رُک گیا۔
’’یس سر۔ ‘‘
’’اوہ مائی گاڈ … اور تم اب بتا رہے ہو؟‘‘
’’ میں سوچ رہا تھا کہ آپ کی رائے جان لوں تاکہ آپ اس ناگوار فیصلے پر اعتراض نہ کر سکیں۔ ‘‘
’’لیکن چوہدری صاحب تو گھوڑے پر آ رہے تھے؟‘‘
’’ چوہدری صاحب گھوڑے پر نہیں آ سکتے تھے۔ ‘‘
’’کیوں ؟‘‘
’’یہ آپ وہاں ہوتے تو دیکھتے۔ ‘‘
’’یار بتاؤ تو سہی … یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے کہ ہماری ٹیم کا ایک رُکن واپس چلا گیا۔ فیری میڈوز کا ٹریک اتنا مشکل نہیں سمجھا جاتا کہ لوگ اِسے ادھورا چھوڑ کر واپس چلے جائیں۔ ‘‘
’’اب اِنشاء اللہ سمجھا جانے لگے گا۔ ‘‘ طاہر نے معصومیت سے کہا۔
’’آخر ہوا کیا تھا؟‘‘ میں نے جھنجلا کر پوچھا۔
’’آپ کی پونی پوائنٹ سے رخصتی کے پندرہ بیس منٹ بعد ہم بھی روانہ ہونے لگے۔ میں گھوڑے پر سوار ہو چکا تھا کہ دوسرے گھوڑے کے مالک کا باپ آ گیا۔ اس نے چوہدری رشید کو گھوڑے کی جانب بڑھتے دیکھا تو اپنے بیٹے کے ہاتھ سے لگام چھین کر گھوڑے کو دور لے گیا اور اُسے ڈانٹنا شروع کر دیا۔ ‘‘
’’گھوڑے کو؟‘‘
’’اپنے فرزندِ ارجمند کو۔ ‘‘
’’وہ کیوں ؟‘‘
’’میں تو ان کی زبان سمجھتا نہیں تھا، ان کی لڑائی گفتگو کی حد کراس کر کے ہاتھا پائی تک پہنچی تو میں نے ہوٹل والے سے ماجرا پوچھا۔ اس نے بتایا کہ باپ اپنے بیٹے پر سخت ناراض ہو رہا ہے کہ اس نے چوہدری رشید کو لے جانے کی حامی کیوں بھری … اُس کا کہنا تھا کہ گھوڑا اِس شخص کا وزن نہیں اُٹھا سکتا۔ بیٹا کہہ رہا تھا کہ وہ وعدہ کر چکا ہے اور اپنی بات سے پیچھے ہٹنا پٹھانوں کا شیوہ نہیں۔ ‘‘
’’پھر؟‘‘
’’باپ غالب رہا اور بیٹے کو ڈانٹتا پھٹکارتا ہوا واپس لے گیا۔ ‘‘
’’اور چوہدری صاحب واپس چلے گئے؟‘‘
’’ نہیں۔ ۔ ۔ ۔ پھر وہاں موجود گھوڑا مالکان کی چوکور میز کانفرنس ہوئی جس میں فیصلہ ہوا کہ چوہدری صاحب کو صرف گلاب خان کا مضبوط اور توانا گھوڑا ہی اوپر لے جا سکتا ہے، اس لئے اسے اپنی باری سے پہلے جانے کی اجازت دے دی جائے۔ کچھ دیر بعد وہ مضبوط اور توانا گھوڑا آ گیا … جو واقعی شاندار تھا۔ ‘‘
’’پھر کیا مسئلہ تھا؟‘‘
’’پھر مسئلہ یہ ہوا کہ چوہدری صاحب نے گھوڑے پر بیٹھنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تو شادی کے موقع پر بھی گھوڑے پر نہیں بیٹھے تھے اب کیسے بیٹھیں گے؟ … چھوٹے موٹے گھوڑے کی بات اور تھی … اتنی بڑے اور اونچے گھوڑے پر ہرگز ہرگز سوار نہیں ہوں گے۔ ‘‘
’’پھر؟‘‘
’’پھر میں نے ناراضگی کا اظہار کیا بلکہ لعن طعن بھی کی تو چوہدری صاحب رضا مند ہو گئے۔ لیکن وہ گھوڑے کی جانب بڑھنے سے ڈر رہے تھے۔ لہٰذا دو تین آدمیوں نے گھوڑے کو گھیرے میں لے لیا۔ دو آدمیوں نے رکابیں سنبھال لیں اور کھینچ تان کر اور سہارا دیکر چوہدری صاحب کو گھوڑے پر بٹھا دیا گیا۔ ‘‘
’’ یا رتم خواہ مخواہ سسپنس کیوں پھیلا رہے ہو؟ سیدھی طرح بتاتے کیوں نہیں کہ اصل بات کیا ہے؟ چوہدری صاحب گھوڑے پر سوار ہو چکے تھے تو تم نے اُنہیں واپس کیوں جانے دیا؟‘‘
’’ وہ۔۔ ۔ ۔ دراصل چوہدری صاحب گھوڑے پر بیٹھے تو ایک چھوٹا سا مسئلہ پیدا ہو گیا۔ ‘‘
’’کیسا مسئلہ؟‘‘
’’چوہدری صاحب گھوڑے پر بیٹھے تو گھوڑا زمین پر بیٹھ گیا۔ ‘‘ طاہر نے انتہائی سادگی سے کہا۔
’’کیا؟‘‘ میں زور سے اچھلا۔
’’چوہدری صاحب نے زور دار چیخ ماری۔ ‘‘ طاہر نے میرے اچھلنے کو نظر انداز کرتے ہوئے بیان جاری رکھا۔ ’’اور گھوڑے نے چوہدری صاحب سے بھی زیادہ زور دار چیخ ماری، ہو سکتا ہے اُس کی مظلومانہ ہنہناہٹ آپ تک بھی پہنچی ہو۔ ‘‘
تمام تر سنجیدگی کے باوجود میں اپنا قہقہہ نہ روک سکا۔ عُمر بھی بے ساختہ ہنس پڑا۔
’’چوہدری صاحب چند لڑھکنیاں کھانے کے بعد اٹھ کھڑے ہوئے۔ گھوڑا بھی لوٹ پوٹ کر لڑکھڑاتا ہوا اٹھ گیا۔ سب لوگ ہماری طرف متوجہ ہو چکے تھے اور قہقہے لگا رہے تھے۔ مجھے سخت افسوس ہے کہ میں کیمرہ بیگ میں رکھ چکا تھا اور یہ تاریخی لمحات ہمیشہ ہمیشہ کے لئے محفوظ نہ کر سکا۔ ‘‘
’’ چوہدری صاحب کی جان پر بنی تھی اور آپ کو فوٹو گرافی کی فکر تھی؟‘‘
’’وہ منظر ہی ایسا تھا … بلکہ اس کے بعد کے چند لمحات تو واقعی ویڈیو بنانے کے قابل تھے کیونکہ چوہدری صاحب گھوڑے کو دیکھ کر خوفزدہ انداز پیچھے ہٹ رہے تھے اور گھوڑا چوہدری صاحب پر نظر جمائے ان سے بھی زیادہ خوفزدہ انداز میں پیچھے ہٹ رہا تھا۔ ‘‘
ہم ایک مرتبہ پھر ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے۔
’’گھوڑے کے مالک کے چہرے پر پہلے تو کھسیاہٹ نظر آئی کیونکہ کچھ ہی دیر پہلے وہ دعویٰ کر چکا تھا کہ اس کا گھوڑا اصیل اور خاندانی ہے اور علاقے میں دور دور تک اس کی ٹکر کا گھوڑا نہیں ہے، پھر اس نے چابک سنبھالا اور گھوڑے کی مرمت شروع کر دی۔ چابک تو وہ گھوڑے پر برسا رہا تھا البتہ دیکھ چوہدری صاحب کی طرف رہا تھا جیسے انہیں بھی اسی سلوک کا مستحق سمجھتا ہو۔ ‘‘
’’اور چوہدری صاحب ؟‘‘
’’چوہدری صاحب اپنا کاندھا پکڑے کھڑے تھے۔ میں چوہدری صاحب کی طرف، اور کئی دوسرے آدمی گھوڑے والے کی طرف بڑھے۔ انہوں نے گھوڑے کی جان بچائی اور میں چوہدری صاحب کو لے کر کیبن کی طرف چلا گیا اور اُن کے لئے پیپسی منگوائی، ابھی بوتل ختم نہیں ہوئی تھی کہ گھوڑے کا مالک پھرا گیا اور چوہدری صاحب سے مخاطب ہوا :
’’ آپ اس کے اوپر اپنا تشریف دوبارہ رکھو صاب، اب اگر یہ خنزیر کا بچہ بیٹھا تو ام اس کی ٹانگیں مانگیں توڑ ڈالے گا۔ ‘‘
’’گھوڑے کو دیکھتے ہی چوہدری صاحب کے ہاتھ سے بوتل نیچے گر گئی اور رنگ فق ہو گیا۔ انہوں نے انتہائی خوفزدہ لہجے میں کہا کہ وہ ہرگز ہرگز اس گھوڑے پر نہیں بیٹھیں گے۔ ‘‘
’’پھر کس گھوڑے پر بیٹھیں گے؟‘‘
’’ میں کسے وی گھوڑے تے نئیں بیہنا، میں واپس جانا اے۔ ‘‘
’’ چوہدری صاحب کے لہجے میں جو معصومیت، مظلومیت اور خوف تھا اسے سامنے رکھتے ہوئے میں نے فیصلہ کیا کہ چوہدری صاحب کا واپس جانا ہی مناسب ہے۔ ‘‘
’’اور چوہدری صاحب واپس کیسے گئے؟‘‘
’’ خوش قسمتی سے ایک جیپ ڈرائیور وہیں موجود تھا جو یہ ساری صورتِ حال دیکھ رہا تھا۔ اسے چوہدری صاحب پر ترس آ گیا۔ وہ چھ سو روپے کے عوض چوہدری صاحب کو واپس لے جانے کے لئے تیار ہو گیا۔ ‘‘
’’ تو اب چوہدری صاحب واپس وہاڑی جائیں گے یا چلّاس میں ہمارا انتظار کریں گے؟‘‘
’’چوہدری صاحب واپس وہاڑی چلے جائیں گے۔ ‘‘
میں خاموش ہو گیا۔
ایک افسردگی سی طاری ہو گئی تھی۔ طاہر کے اندازِ بیان نے چوہدری صاحب کی واپسی کو کسی حد تک پر لطف بنا کر پیش کیا تھا لیکن حقیقت تو یہی تھی کہ ہمارا ایک ساتھی واپس چلا گیا تھا۔ بہرحال چوہدری صاحب جاتے جاتے بھی ہمیں کسی حد تک فائدہ پہنچا گئے۔ ان کی واپسی کی داستان سننے میں فیری میڈوز تک جانے والی عمودی چڑھائی کچھ زیادہ محسوس نہیں ہوئی۔ اچانک یہ چڑھائی ختم ہوئی تو ریاض نے تقریباً چالیس منٹ پرانے اعلان کو دوہراتے ہوئے بتایا کہ فیری میڈوز آ گیا ہے۔
ہم سطح سمندر سے تین ہزار ایک سو پچاس میٹر کی بلندی پر پہنچ چکے تھے جس کا مطلب تھا کہ گزشتہ چند گھنٹوں میں ہم تقریباً اٹھارہ سو میٹر کی بلندی حاصل کر چکے تھے۔ لہٰذا اگر تھوڑا بہت سانس پھول رہا تھا تو یہ کوئی تشویشناک بات نہیں تھی، طبعی حالات میں تبدیلی کا فطری تقاضا تھا۔
میں اب تک ’’ اگر آ سکو تو آؤ‘‘ کو محبوب کی ترغیب آمیز دعوت سمجھتا تھا۔ فیری میڈوز تک چلے آنے کے بعد میری سمجھ کا شافی علاج ہو گیا تھا :
انہیں پتھروں پہ چل کر اگر آ سکو تو آؤ
’’فیریمیڈوز‘‘ کے راستے میں کوئی کہکشاں نہیں ہے
٭٭٭
{پریوں کی راہ گزر پر}
ایک وسیع و عریض سبزہ زار ہماری نظروں کے سامنے تھا جس کی وُسعت پر نانگا پربت کی بلندیاں چھائی ہوئی تھیں لیکن ناگا پربت سیاہ بادلوں میں چھپا ہوا تھا اور درشن نہیں دے رہا تھا۔
’’یہی فیری میڈوز ہے؟‘‘ عمر نے تصدیق چاہی۔
’’جی صاب۔۔ ۔ ۔ یہ فیری میڈوز ہے۔ ‘‘ شاہد نے جواب دیا
’’نہیں۔ ۔ ۔ ۔ نہیں !۔۔ ۔ ۔ اسے فیری میڈوز نہیں ہونا چاہئے۔ ‘‘ میرے دل سے ایک سخت احتجاجی آواز ابھری۔
اگر یہ فیر ی میڈوز تھا تو اس کی پہلی جھلک نے میری متوقّع سرشار ی کو ناک آؤٹ کر دیا تھا۔ میرا خیال تھا کہ فیری میڈوز مجھے اسی طرح دم بخودکر دے گا جس طرح جھیل سیف الملوک نے کیا تھا۔ بیس بر س پہلے جب میں پہلی مرتبہ جھیل سیف الملوک گیا تو ایک موڑ مڑتے ہی سیف الملوک جس انداز میں سامنے آئی اُس نے مجھے جامد کر دیا۔ ایک قدم پہلے سیف الملوک نہیں تھی اور ایک قدم کے بعد صرف اور صرف سیف الملوک تھی۔ منظر کی دلکشی اس انداز میں اثر انداز ہوئی کہ میں یہی منظر دیکھنے اور اسی تاثر سے لطف اندوز ہونے کے لئے دو مرتبہ مزید سیف الملوک تک گیا، وہ منظر ابھی تک ذہن پر نقش ہے اور یہی وہ تصویر ہے کہ جب ذرا گردن جھکائی دیکھ لی۔
راکا پوشی نے مجھے سیفُ ا لملوک کے سحر سے آزاد کرایا اور اپنا اسیر کر لیا۔
فیری میڈوز کی اتنی تعریفیں سنی تھیں کہ میرا خیال تھا یہ تمام پرانے نقوش دھندلا دے گی۔ میں اپنے ساتھیوں کے تاثّرات سے تو لا علم تھا لیکن میرے قدم یکلخت بوجھل ہو گئے۔ گھوڑا ایک کیبن کے پاس رک چکا تھا، عمر گھوڑے سے اترا اور میں بھی کیبن کے سامنے بنے ہوئے چبوترے پر لڑھک گیا۔ طاہر کے ذمے ادائیگی تھی، کیونکہ وہ ہمارا کیشئر تھا۔ گھوڑے والے کو آٹھ سو روپے ادا کر دئے گئے۔ ہم تقریباً ساڑھے چار گھنٹے میں پونی سٹاپ سے فیری میڈوز آئے تھے جس میں ایک گھنٹے کا وہ ریسٹ بھی شامل تھا جو میں نے اور عمر نے کیا تھا۔ سورج غروب ہونے میں ابھی دو اڑھائی گھنٹے باقی تھے۔
پندرہ بیس منٹ بعد ہمارے ہوش و حواس بحال ہوئے تو قیام کی فکر ہوئی۔ دائیں بائیں ، آگے پیچھے، اوپر نیچے ہر طرف ہوٹل بکھرے ہوئے تھے۔ بالکل سامنے رائے کوٹ سرائے تھا، کچھ اوپر شنگریلا ریسورٹ کا بورڈ دور ہی سے نظر آ رہا تھا لیکن وہ ابھی نامکمل تھا۔ ہم تینوں مختلف ہوٹلوں کی طرف چل دیئے تاکہ کرایہ اور سہولیات کا جائزہ لے کر قیام کا فیصلہ کریں۔ مختلف ہوٹلو ں میں دو سو روپے فی کس سے بارہ سو روپے فی کس تک رہائش مہیا تھی۔ رائے کوٹ سرائے کا جائزہ لینے عمر گیا تھا اور اس کے بقول وہ سب سے معقول ہوٹل تھا جہاں گرم پانی کی عیاشی میسر تھی اور مختلف درجوں کے کمرے اور خیمے موجود تھے۔ عمر تو دو خیموں کے بارے میں بات بھی کر آیا تھا جن کا کرایہ چھ سو روپے تھا یعنی دو سو روپے فی کس! اس نے بتایا کہ ہوٹل کے مالک عزیز کے بقول کرایہ اس لئے کم ہے کہ آج ہوٹل میں زیادہ مہمان موجود نہیں ، ورنہ ان خیموں کا کرایہ چھ سو روپے فی کس ہے۔ ابھی میں اور عمر باتیں کر ہی رہے تھے کہ ہوٹل کا مالک عزیز خود آ گیا۔ عزیز ایک کم گو لیکن خوش مزاج شخص تھا، اس نے ہمیں رائے کوٹ سرائے میں قیام کے لئے قائل کر لیا۔ ہم اس کے ساتھ جانا ہی چاہتے تھے کہ طاہر ایک نئی تجویز کے ساتھ نازل ہو گیا۔
’’ڈاکٹر صاحب ہمت ہے ؟‘‘ اس نے آتے ہی پوچھا۔
’’کیسی ہمت؟‘‘
’’پیدل چلنے کی۔ ‘‘
’’اب کہاں جانا ہے ؟‘‘ میں نے اور عمر نے بیک وقت پوچھا۔
’’یار یہ شاہد خاں ہے نا، جو ہمارا بیگ اٹھا کر لایا ہے، بہت اچھا لڑکا ہے۔ ‘‘
’’اللہ اس کی عمر دراز کرے اور اسے مزید نیک اطوار اور سعادت مند بنائے۔ ‘‘ میں نے نہایت خلوص سے کہا۔
خود شاہد خان تھوڑی دور لاتعلق کھڑا تھا۔
’’ مخول نہ کریں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ میں اِسے تھوڑا سا Oblige کرنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
’’ ایک مرتبہ پھر غور کر لو، یہ۔۔ ۔ یہ۔۔ ۔ لڑکا ہے … اور تم پٹھان نہیں ہو۔ ‘‘
’’میں کہہ رہا ہوں کہ مذاق مت کریں۔ ‘‘ طاہر جھینپ کر بولا۔ ’’آپ کو معلوم ہے کہ پونی پوائنٹ سے فیری میڈوز تک پورٹر کتنا معاوضہ مانگتا ہے؟‘‘
’’نہیں … لیکن اس کا شاہد سے کیا تعلق ؟‘‘
’’وہ چھ سو روپے فی بیگ سے کم نہیں لیتے جبکہ شاہد اور عزیز مفت میں ہمارے بیگ لے آئے ہیں۔ ‘‘
’’ تو ٹھیک ہے !تم اسے کچھ زیادہ ادائیگی کر دو، اس کا مزید پیدل چلنے سے کیا تعلق ہے ؟‘‘
’’آپ بات سمجھ نہیں رہے ہیں۔ ‘‘ طاہر نے جھنجلا کر کہا۔
’’تم سمجھانے کی کوشش تو کرو، ابھی تک تو میں یہ سمجھ سکا ہوں کہ تمہاری خواہش یہ ہے کہ ہم تمہارے منظورِ نظر شاہد خان کے گرد طواف شروع کر دیں … تم نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ ہم مزید پیدل کیوں چلیں اور کہاں جائیں ؟‘‘
’’شاہد خاں کا ہوٹل بیال کیمپ میں ہے اور یہ کہتا ہے کہ وہاں چلیں۔ ‘‘
’’ابھی ؟‘‘ میں اور عمر بیک وقت اچھلے۔ ’’تمہارا دماغ تو ٹھیک ہے؟‘‘
’’ہاں ابھی!‘‘ طاہر نے زور دے کر کہا۔ ’’ابھی سورج غروب ہونے میں دو گھنٹے باقی ہیں۔ اس وقت ہم فیری میڈوز تو کیا دیکھیں گے، بستروں پر ڈھیر ہو جائیں گے۔ کیا اس سے بہتر یہ نہیں کہ اب آہستہ آہستہ چلتے ہوئے بیال کیمپ پہنچ جائیں ، رات کو آرام کریں اور صبح بیس کیمپ کے لئے روانہ ہو جائیں۔ اس طرح پرسوں کا پورا دن فیری میڈوز میں رُکا جا سکتا ہے۔ ‘‘
میں نے سنجیدگی سے غور کیا۔ میری معلومات کے مطابق بیال کیمپ یہاں سے پانچ کلومیٹر دور تھا، اگر ہم یہ فاصلہ دو گھنٹے میں طے کرنے کے قابل تھے تو منصوبہ کچھ برا نہیں تھا۔ فیری میڈوز کے لئے شیڈول کے مطابق تو آج کا دن مقرر تھا۔ ہمارا خیال تھا کہ زیادہ سے زیادہ دو بجے تک فیری میڈوز پہنچ جائیں گے اور شام تک فیری میڈوز کو ایکسپلور کرنے کے لئے ہمارے پاس کافی وقت ہو گا۔ ہمیں کیا خبر تھی کہ یہ نا معقول چڑھائی ہمارا پورا دن چٹ کر جائے گی۔
’’تجویز تو اچھی ہے، لیکن۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘ میں کچھ متذبذب تھا۔
’’تو پھر چلیں ؟‘‘ طاہر نے فقرہ کاٹ دیا۔
’’اچھی طرح سوچ لو۔ پیدل تو شائد چل لیں لیکن چڑھائی چڑھنے کی ہمت بالکل نہیں ہے، کہیں آدھے راستے میں ہی نہ رہ جائیں۔ ‘‘
’’میں نے اچھی طرح پتہ کر لیا ہے کہ بیال کیمپ تک چڑھائی نہیں ہے۔ راستہ خوبصورت اور سر سبز جنگل سے گزرتا ہے۔‘‘
’’ یار کہیں مروا نہ دینا، فیری میڈوز کا راستہ بھی تو خوبصورت اور سر سبز جنگل سے ہی گزرتا ہے،۔ ۔ ۔ کیوں عمر۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ہے ہمت ؟‘‘
’’ اگر چڑھائی نہیں ہے تو … تو ٹھیک ہے۔ ‘‘ عمر نے ہچکچاہٹ سے کہا۔
’’چڑھائی بالکل نہیں ہے جناب ! آپ آرام آرام سے چلو تو انجوائے بھی کرو گے اور ایک دن بھی بچ جائے گا۔ ‘‘ اب شاہد خان نے مداخلت مناسب سمجھی۔
غیر متوقع طور پر عزیز نے بھی تائید کر دی کہ بیال کیمپ کا راستہ آسان ہے اور اگر اس وقت ہم وہاں پہنچ جائیں تو واقعی ہمارا پورا دن بچ جائے گا۔
’’ ٹھیک ہے تو پھر چلو۔ ‘‘ میں نے اٹھتے ہوئے کہا۔
’’مگر … مگر … ‘‘ عمر کچھ منمنایا۔
’’چلنا ہی ہے تو اگر مگر کیسی؟‘‘ میں رک سیک اٹھا کر سیدھا ہونے لگا تھا کہ اچانک سورج بادلوں کی اوٹ سے نکل آیا اور میں جہاں تھا وہیں منجمد ہو کر رہ گیا۔
’’یہ؟۔۔ یہ کیا ہے ؟‘‘ میں نے یقین نہ کرنے والے انداز میں سر کو جھٹکا۔
سامنے کا منظر جیسے جادو کے زور سے بدل دیا گیا تھا۔ نانگا پربت نے بادلوں کا گھونگھٹ ہٹا کر دیدار کرایا تو میں مبہوت ہو کر رہ گیا۔ رک سیک آہستہ آہستہ ہاتھوں سے پھسلتا ہوا دوبارہ زمین پر پہنچ گیا۔
کیا یہی وہ منظر نہیں تھا جسے دیکھنے ہم فیری میڈوز آئے تھے؟
نانگا پربت اسی لئے نانگا پربت کہلاتا ہے کہ آس پاس اس کے مقابلے کی کوئی چوٹی نہیں ہے۔ جب یہ پوری طرح درشن دیتا ہے تو منظر پر چھا جاتا ہے اور نظر کو ادھر ادھر بھٹکنے نہیں دیتا۔ یہ نظارہ واقعی منفرد اور مسحور کن تھا میں کافی دیر ساکت کھڑا رہا۔
’’کتھے کھو گئے او … ؟‘‘ طاہر میرا کندھا ہلا کر بولا۔
’’یہ … یہ … دیکھ رہے ہو ؟‘‘ میں نے پوچھا۔
’’دیکھ رہے ہیں ، خوبصورت منظر ہے، جب ہم بیال کیمپ جا رہے ہوں گے تو یہ پورے راستے ہمارے سامنے رہے گا۔ خوب جی بھر کے دیکھ لینا۔۔ ۔ ۔ اب چلیں ؟‘‘
’’چلتے ہیں … ذرا صبر کرو۔ ‘‘ میں نے کہا اور کیمرہ نکالنے لگا۔ طاہر کو بھی خیال آیا کہ سورج پتہ نہیں کتنی دیر کے لئے نکلا ہے۔ اس وقت روشنی بالکل درست زاویئے پر تھی اس لئے ہم نے کئی شاٹ لئے۔
دوبارہ سفر شروع کرنے سے پہلے ہم نے شاہد کو کسی کھانے پینے کی چیز کی تلاش میں دوڑایا اور وہ بسکٹ کے تین ڈبے لے آیا۔ پانی کے بارے میں اس نے اطمینان دلایا کہ راستے میں کوئی کمی نہیں ہو گی، ہم گزشتہ تجربے کے بعد کافی ڈر ے ہوئے تھے لیکن اس کی یقین دہانی پر اعتماد کرتے ہوئے روانہ ہو گئے۔
’’یار شاہد۔۔ ۔ وہاں کھانے میں کیا ملے گا؟‘‘ طاہر نے پوچھا۔
’’سب کچھ ملے گا سر! چکن، مٹن، بریانی … … اور۔۔ ۔ ‘‘
’’بس بس، میر ے منہ میں پانیا رہا ہے، اب جلدی سے چل دو۔ ‘‘ میں نے کہا۔
فیری میڈوز سے بیال کیمپ تک کے راستے کو ٹریک آف دی ٹرِپ کہا جائے تو بیجا نہ ہو گا۔ یہ خوبصورت راستہ رائے کوٹ نالے اور رائے کوٹ گلیشر کے جلَو میں واقعی ’’A beautiful pine forest‘‘ سے گزرتا ہے۔ یہاں پر صنوبر (Pine)، سفیدہ(Spruce)، چیڑ(Fir)، جونیپر(Juniper) اور سندر (Birch) کے درخت موجود ہیں۔ کہیں کہیں سرَو (Cypress) کی نسل کے درخت بھی نظر آئے۔ بہت سے درختوں سے جلانے کی لکڑی حاصل کرنے کے لئے ان کا سر قلم کر دیا گیا تھا یا ان کی شاخیں کاٹ کر اپاہج بنا دیا گیا تھا۔ کئی درختوں کو جڑوں سے کاٹ کر ان کے تنے حاصل کر لئے گئے تھے تاکہ مکانوں کی دیواریں تعمیر کی جا سکیں۔ کٹے ہوئے تنوں اور شاخوں سے پھوٹنے والی کونپلیں درختوں کا وجود برقرار رکھنے کے لئے کوشاں تھیں۔ درختوں کی اتنی بڑی آبادی میں قبرستان کا نہ ہونا غیر فطری ہوتا، شاید اسی لئے جنگل کے کچھ وضع دار حصے قبرستان کا روپ دھارنے پر مجبور تھے۔
راستے کے ساتھ ساتھ دونوں جانب سبزہ ہے جہاں پہاڑی جھاڑیوں پر رنگ رنگ کے جنگلی پھول بہار دکھا رہے تھے۔ ایک دو جگہ چند جھونپڑے آبادی کی نشاندہی کرتے تھے لیکن کوئی مکین ہمیں نظر نہ آیا۔ راستے کی دلفریبی نے ہمارے جسم سے تھکاوٹ نچوڑ لی۔ تھوڑی بہت چڑھائی کہیں کہیں آتی تھی تو محسوس ہوتی تھی لیکن مجموعی طور پر اِس راستے نے ہمیں منزل کو پا لینے کی خوشی بخشی۔ ’’پریوں کا مسکن‘‘ دیکھ کر جو مایوسی ہوئی تھی وہ ’’پریوں کی شاہراہ‘‘ پر چل کر دور ہو گئی۔
جیسا کہ شاہد خاں نے بتایا تھا پانی کی کوئی کمی نہیں تھی۔ جگہ جگہ پہاڑی جھرنے منظر کی دلفریبی میں اضافہ کر رہے تھے۔ ہم نے ایک جھرنے کے پاس بیٹھ کر بسکٹ ختم کئے اور گتے کے خالی ڈبے کو بطور گلاس استعمال کرتے ہوئے جی بھر کے چشمے کا ٹھنڈا اور میٹھا پانی پیا۔ یہ پانی واقعی ذائقہ اور تاثر میں منرل واٹر سے بہتر لگا۔ ہم جگہ جگہ رکتے، پانی کے چھینٹوں سے چہرہ بھگوتے اور گھونٹ گھونٹ ٹھنڈے اور میٹھے پانی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ٹہلنے کے انداز میں آگے بڑھتے رہے۔
اس راستہ پر ہم نے رائے کوٹ گلیشیئر کو پُر شور پہاڑی نالے میں تبدیل ہوتے دیکھا جو رائے کوٹ پل پر دریائے سندھ میں شامل ہو جاتا تھا۔ نالے کے منبع کے عینا وپر گلیشیئر کی بالائی سطح باقاعدہ سیاہ تھی جبکہ کئی میٹر موٹی تہہ کی گہرائی میں کسی جگہ برف پگھل رہی تھی جہاں سے نالے کا آغاز ہوتا تھا۔ کچھ دور چلنے کے بعد راستہ جنگل سے دور ہٹ گیا اور لینڈ سکیپ وسیع ہو گیا۔ جیسے جیسے ہم آگے بڑھتے گئے نانگا پربت اور رائے کوٹ گلیشیئر دونوں واضح ہوتے گئے۔ گلیشیئر کی بالائی سطح بذاتِ خود ایک منفرد منظر کے طور پر اُبھر رہی تھی۔ گلیشیئر کی بیشتر سطح گہرے مٹیالے رنگ کی تھی، لیکن اس میں کہیں کہیں سفید برف کی جھیلیں تھیں۔ دوسرے کنارے کے ساتھ ساتھ سفید رنگ کی کئی میٹر چوڑی پٹی حد نظر تک جاتی تھی جیسے کسی نے گلیشیئر کے بارڈر پر آرائشی بیل ٹانک دی ہو۔ کئی جگہوں پر سرخ لہریئے دار پٹیاں تھیں جیسے قدرت نے باقاعدہ پچّی کاری کے ذریعے گلیشیئر کی سطح کو سجایا ہو۔
’’ڈاکٹر صاحب فیری میڈوز وہ تھا یا فیری میڈوز یہ ہے ؟‘‘ عمر نے کہا۔
حقیقت یہی تھی کہ اگر پریاں ذرا سی بھی با ذوق تھیں تو وہ یہاں رہنا زیادہ پسند کرتیں ، بہ نسبت اس جگہ کے جسے ہم فیری میڈوز سمجھتے ہوئے پیچھے چھوڑ آئے تھے۔
جب ہم ماحول کے سحر میں پوری طرح گرفتار ہو چکے تھے تو ہم نے اِس بے مِثال منظر میں انسانی ہاتھو ں کی بھونڈی پیوند کاری دیکھی جو جا بجا تعمیر شدہ چوبی کیبنوں کی صورت میں منظر کے قدرتی حُسن کو بری طرح پامال کر رہی تھی۔
کیبن پر نظر پڑتے ہی شاہد خاں نے بیال کیمپ پہنچنے کا اعلان کر دیا۔
اب ہم نے اس سفر پر باقاعدہ تبصرہ کیا تو نتیجہ نکلا کہ جیل گاؤں سے فیری میڈوز تک کا سفر کوئی بہت مشکل یا تھکا دینے والا سفر نہیں تھا۔ ہم جب اُس راستے پر چڑھائی چڑھتے تھے اور تھکاوٹ سے ہماری ٹانگیں کانپتی تھیں تو ہم اسے ایزی ٹریک کہنے اور لکھنے والوں کی شان میں حسبِ توفیق اور ناگفتہ بہ گستاخی کرتے جاتے تھے۔ لیکن اب ہم خود ثابت کر چکے تھے کہ وہ ایک ایزی ٹریک تھا۔ ہم فیری میڈوز پہنچ کر نڈھال ہو کر گر نہیں پڑے تھے، تھکاوٹ بے تحاشہ تھی لیکن ہم پراس طرح حاوی نہیں ہوئی تھی کہ ہمیں مزید چلنے سے روک دیتی۔ ہم لڑکھڑاتے ہوئے نہیں بلکہ ہموار اور مضبوط قدموں سے چلتے اور چہلیں کرتے ہوئے بیال کیمپ پہنچے تھے۔
تو پھر آسان ٹریک کیا ہوتا ہے؟
آسان ٹریک جَیل گاؤں سے بیال کیمپ تک ہوتا ہے بشرطیکہ وہ طے کر لیا گیا ہو۔
شاہد خان اور ریاض خان ہم سے آگے تھے۔ وہ ایک کیبن کے نزدیک پہنچ کر رُک گئے، یہی بیال کیمپ میں ان کا ہوٹل تھا۔ بیال کیمپ کا خوبصورت، سرسبز اور وسیع لینڈ سکیپ ہماری نظروں کے سامنے تھا۔ کیبن تک پہنچنے کے لئے ہمیں صاف و شفاف پانی کا وہ نالہ کراس کرنا پڑا جس کے کنارے ہم چلتے آئے تھے۔ نالہ کراس کرتے ہی ہم کیبن کے سامنے سبزہ نشین ہو گئے۔ اندھیرا پھیل رہا تھا اور ارد گرد کے خوبصورت مناظر دھندلا رہے تھے۔ نانگا پربت نے بھی دوبارہ بادلوں کی اوٹ میں چہرہ چھُپا لیا تھا۔ ہمیں اب شدید بھوک کا احساس ہو ا۔۔ ۔ ۔ ۔ کھانا کھائے ہوئے تقریباً چوبیس گھنٹے گزر چکے تھے، پیٹ میں نہ صرف چوہے دوڑ رہے تھے بلکہ انہیں پکڑنے کے لئے بلیاں بھی دوڑ دھوپ کر رہی تھیں۔
’’شاہد خاں کھانا کب ملے گا ؟‘‘ عمر نے ہانک لگائی۔
’’ بس ابھی تیار کرتا ہوں سر پہلے آپ اپنے کمرے تو دیکھ لیں۔ ‘‘
’’کمرے کو چولہے میں جھونکو اور جلدی سے کھانا تیار کرو۔ ‘‘
’’ ابھی تیار کرتا ہوں سر! آپ اتنی دیر گرین ٹی سے لطف اندوز ہوں۔ ‘‘
’’ گرین ٹی بھی ملے گی ؟‘‘ ؑ عُمر چہکا۔
’’کیوں نہیں ملے گی … ضرور ملے گی سر! ‘‘
’’اور کھانے میں کیا ملے گا ؟‘‘
’’جو آپ پسند کریں۔ ۔ ۔ ۔ سبزی یا دال؟‘‘
’’سبزی یا دال؟۔۔ ۔ ۔ ۔ ا ور تم جو چکن اور مٹن کہہ رہے تھے وہ؟‘‘
’’وہ ؟۔۔ ۔ ۔ ۔ وہ تو … وہ تو ختم ہو گیا سر۔ ‘‘
’’ختم کیسے ہو گیا، یہاں کون ہے کھانے والا؟‘‘
’’ وہ۔۔ ۔ ۔ وہ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ایک گروپ آ گیا تھا سارا کھا گیا۔ ‘‘ اُس نے مسکراتے ہوئے کہا۔
’’ہوں ، اس کا مطلب ہے تم نے جھوٹ بولا تھا؟‘‘ طاہر نے قدرے ناراضگی سے کہا۔
’’دیکھیں سر۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ پلیز ناراض نہ ہوں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہاں آپ کو بہت زور کی بھوک لگی تھی۔ میں نے ذرا مٹن اور چکن کا ذکر کر دیا تو آپ مطمئن ہو گئے … اور۔۔ ۔ ۔ ۔ کتنی آسانی سے یہاں تک پہنچ گئے۔۔ ۔ ۔ اگر آپ کو پتہ ہوتا کہ بیال کیمپ میں صرف دال ملے گی تو کیا آپ کا سفر اتنا اچھا گزرتا؟‘‘
’’ہم تمہاری نفسیات دانی کے قائل ہوئے اور تمہیں معاف کیا۔ ‘‘ طاہر نے شاہانہ انداز میں کہا۔ ’’ اب ذرا جلدی سے دال کو تڑکا لگا ڈالو۔ ‘‘
’’ آپ فکر نہ کریں ، دال انشا اللہ اتنی اچھی بناؤں گا کہ آپ چکن اور مٹن کو بھول جائیں گے۔ ‘‘
’’مگر کب بناؤ گے؟‘‘
’’ بس ابھی … میں پہلے گرین ٹی بھجواتا ہوں۔ ۔ ۔ اور ہاں … آپ دال کے ساتھ چاول لیں گے یا روٹی؟‘‘
’’چاول۔ ‘‘ سب کے منہ سے بیک وقت نکلا۔
شاہد خاں ایک کیبن کی جانب چلا گیا جو غالباً کچن تھا۔ چند منٹ بعد ریاض خان گرین ٹی کے پیالے لے آیا۔ بھاپ اُڑاتی چائے نے ہماری تھکاوٹ بالکل ہی ختم کر دی۔ ہم نے جوتے اتارے اور ریلیکس ہو گئے۔ کچھ دیر بعد خنکی میں اضافہ ہوا تو ہم نے ریاض خاں سے کہا کہ ہمیں ہمارا کمرہ دکھا دے۔ یہ ایک چھوٹا سا کیبن تھا، جس میں وال ٹو وال میٹرس بچھے تھے۔ دروازے والی سائیڈ کے ساتھ ساتھ دو فٹ چوڑی پٹی خالی تھی۔ جہاں ہم نے اپنا سامان اور جوتے وغیرہ رکھے اور بستر پر ڈھیر ہو گئے۔ رضائیاں موجود تھیں جو ہم نے اوڑھ لیں۔
صرف چوبیس گھنٹے میں ماجرا کیا سے کیا ہو گیا تھا۔ چوبیس گھنٹے پہلے چلّا س میں ہم کولر چلا کر سوئے تھے اور پھر بھی گرمی کا احساس باقی تھا۔ اور اب ہمیں رضائیوں کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی۔ کیبن کی دیوار پر ایک کافی بڑی کھڑکی تھی جسے شیشے لگا کر بند کیا گیا تھا۔ اگر دن کا وقت ہوتا اور موسم صاف ہوتا تو غالباً نانگا پربت کی چوٹیاں صاف نظر آ رہی ہوتیں۔ لیکن اس وقت باہر ملگجے اندھیرے کے سوا کچھ نظر نہیں آتا تھا۔ تھکاوٹ اور لحاف کی گرمی نے ہمیں باقاعدہ لوریاں دینی شروع کر دی تھیں اور شائد ہم سو بھی گئے تھے کہ ریاض خان نے دروازے پر زور سے دستک دی اور نعرہ لگایا:
’’ سر کھانا۔ ‘‘
’’سر نہیں کھانا، دال چاول کھانا، کدھر ہے دال چاول؟ ْ‘‘ عمر نے اسی انداز میں ڈپٹ کر پوچھا۔
’’دال چاول حاضر اے سر! آپ اٹھو تو سہی۔ ‘‘
’’ اُٹھنا نہیں مانگٹا، لیٹے لیٹے کھانا مانگٹا۔ ‘‘
’’ٹیک اے سر آپ لیٹے رہو میں کھلا دیتا ہوں۔ ‘‘ ریاض خان نے بصد شوق یہ خدمت بجا لانے کا اِرادہ ظاہر کیا تو وہ چھلانگ لگا کر اٹھ بیٹھا۔
’’بڑی مہربانی میں خود کھاؤں گا۔ ‘‘
ریاض ایک بڑے سے ڈبّے میں پانی بھی لے آیا تھا۔ ہم نے ہاتھ دھوئے، چہرے پر پانی کے چھینٹے مارے اور کھانے کی ٹرے کے گرد اکٹھے ہو گئے۔ دال کچھ بہتر تھی لیکن چاول اتنے زیادہ گل چکے تھے کہ اپنی شناخت کھو بیٹھے تھے۔ ہم نے تو صرف چاول ہی کہا تھا لیکن ریاض خان چند روٹیاں بھی لے آیا تھا جو بالکل ٹھنڈی اور پاپڑ کی طرح سخت تھیں ، لیکن بہر حال روٹیاں تھی۔ ریاض خان نے چاول زیادہ گلنے کا اعتراف کیا اور معذرت بھی کی، لیکن بیال کیمپ جیسی جگہ پر جو کچھ بھی تھا غنیمت تھا ہم نے یہ ’’دال چاول حلوہ‘‘ بڑی رغبت سے نوشِ جاں کیا۔
کھانے کے فوراً بعد نیند کا غلبہ اتنا شدید تھا کہ ہم نے برتن اٹھائے جانے کا بھی انتظار نہیں کیا اور بستروں میں گھس گئے۔ ریاض خان نے چائے کا پوچھا لیکن ہم نے انکار کر دیا اور تقریباً فوراً ہی نیند کی وادیوں میں کھو گئے۔
صبح کافی نکھری نکھری لیکن ابر آلود تھی۔ نانگا پربت بدستور بادلوں کی اوٹ میں تھا جو ہمارے لئے اچھا شگون اس لئے نہیں تھا کہ ہم آج بیس کیمپ جانے والے تھے۔ اگر وہاں بھی نانگا پربت پوری طرح بے نقاب نہ ہوا تو تقریبِ رونمائی ادھوری رہ جانے کا امکان تھا۔ ہوا خاصی تیز اور سرد تھی، کسی حد تک بارش کے بھی آثار تھے، اگر نانگا پربت کا دیدار اصل مقصد نہ ہوتا تو غضب کا موسم تھا۔
ہوٹل میں باتھ روم کی عیّاشی تو موجود تھی لیکن پانی گرم نہیں تھا، اور ’’پُترا ٹھنڈے ٹھنڈے پانی سے نہانا چاہئے‘‘ جیسے قوانین کا اِن علاقوں پر اطلاق نہیں ہوتا تھا، اس لئے نالے پر جا کر ہاتھ منہ دھونے اور برش کرنے پر اکتفا کیا۔ ناشتے میں پراٹھے، انڈوں کا آملیٹ، ابلے ہوئے انڈے اور چائے تھی۔ ہم نے سنا تھا کہ پہاڑوں پر بھوک زیادہ لگتی ہے لیکن ہماری بھوک تو شاید ماؤنٹین سکنس میں مبتلا ہو چکی تھی کیونکہ کھانے کو دِل ہی نہیں چاہ رہا تھا۔ ہم تینوں مل کر بمشکل ایک پراٹھا کھا سکے البتہ ایک ایک ابلا ہوا انڈا اور چائے سب نے لی۔
اب ہم بیس کیمپ کی جانب سفر کرنے کے لئے تیار تھے۔ ہم نے شاہد خاں سے راستے کے بارے میں پوچھا۔
’’راستہ تو بالکل سیدھا ہے۔ ‘‘ شاہد نے اسی راستے کی طرف اشارہ کیا جس پر ہم چل کر آئے تھے اور جو آگے بھی جا رہا تھا۔ ’’لیکن آپ فکر نہ کریں ریاض خان بھی آپ کے ساتھ جا رہا ہے۔ ‘‘
’’ویری گڈ … اسے وہاں کوئی کام ہے ؟‘‘
’’ہاں ! وہاں ہمارے کزن کا ہوٹل ہے، اسے کچھ سامان پہنچانا ہے۔ ‘‘
ہمارے لئے یہ ایک خوشگوار اتفاق تھا۔ ریاض خاں ایک خوش مزاج شخص تھا جس کی خدمات بطور گائیڈ ہمیں بلا معاوضہ حاصل ہو رہی تھیں۔ یہاں پر اگر آپ کسی گائیڈ کی خدمات حاصل کرنا چاہیں تو اچھا خاصا معاوضہ ادا کرنا پڑتا ہے۔ غیر ملکی باشندوں سے یہ لوگ تین ہزار روپے تک وصول کر لیتے ہیں۔ ریاض خان ہمیں مفت میں گائیڈ کر رہا تھا، جس طرح وہ مفت میں ہمارا سامان پونی پوائنٹ سے فیری میڈوز اور پھر فیری میڈوز سے بیال کیمپ لے آیا تھا۔
پس ثابت ہوا کہ ریاض خان اچھا بندہ ہے۔
٭٭٭
{نانگا پربت کے چرنوں میں }
ہم تقریباً ساڑھے نو بجے بیال کیمپ سے روانہ ہوئے۔ چند قدم آگے ہی بیال نامی گاؤں تھا۔ بیال کیمپ کا نام اِسی گاؤں سے منسوب ہے۔ مکانات کی تعمیر میں روایتی انداز میں درختوں کے تنے اور پتھر استعمال کئے گئے تھے۔ عورتیں گھروں میں کام کاج میں مصروف تھیں اور ننگ دھڑنگ بچے ادھر ادھر گھوم رہے تھے۔ مرغیاں اور بکریاں بے تکلفی سے چہل قدمی کر رہی تھیں۔ مرد بہت کم نظر آ رہے تھے میں نے اس بارے میں ریاض خان سے پوچھا۔
’’سارا لوگ بوت صبح اپنے اپنے کام پر چلا جاتا اے۔ ‘‘
’’کام پر کہاں جاتے ہیں ؟ ‘‘
’’جن لوگوں کے پاس گھوڑا اے وہ جَیل گاؤں چلا جاتا اے۔ جیپ ڈرائیور رائے کوٹ پل جاتا اے۔ محنت مزدوری کرنے والا لوگ جگلوٹ یا چلاس جاتا اے۔ ‘‘
’’روزانہ جگلوٹ یا چلاس چلے جاتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ یہاں سے۔۔ ۔ ؟‘‘ میں نے حیرت سے پوچھا۔
’’ہا ں ناں۔ ‘‘
’’وہ روزانہ جیپ کا کرایہ پچیس سو روپے ادا کرتے ہیں ؟کیا وہ کروڑ پتی ہیں ؟‘‘
’’سر وہ رائے کوٹ پل تک پیدل جاتا اے۔ ‘‘
’’رائے کوٹ پل تک پیدل؟ اور وہ بھی روزانہ ؟ … کیا تم مجھے بیوقوف بنا رہے ہو؟‘‘ میں چلتے چلتے رک گیا۔
’’نئیں سر … ام خود دوسرے تیسرے دن ہوٹل کا سامان لینے جاتا اے۔ کبی کبی جیپ میں لفٹ مل جاتا اے ورنہ رائے کوٹ پل تک پیدل اور اُدر سے ویگن میں چلّاس یا جگلوٹ جانا پڑتا اے۔ ‘‘
’’ تمہیں رائے کوٹ پل تک جانے میں کتنا وقت لگتا ہے ؟‘‘
’’چار گھنٹے، بوت جلدی میں تین گھنٹے میں بھی پہنچ جاتا اے۔ ‘‘
’’اور واپسی؟‘‘
’’واپسی میں ایک گھنٹہ زیادہ لگا لو۔ ‘‘
میں ان معلومات کو ہضم کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن کامیابی نہیں ہو رہی تھی۔ جو سفر ہم نے جیپ اور خچر استعمال کرنے کے باوجود پورے دن میں طے کیا تھا اسے چار گھنٹے میں پیدل کیسے طے کیا جا سکتا ہے؟ ریاض خان شاید دھواں دھار قسم کی گپ لگا رہا تھا لیکن میرے پاس تصدیق یا تردید کرنے کا کوئی ذریعہ نہ تھا۔
میں اور ریاض خان کچھ آگے نکل آئے تھے۔ طاہر اور عمر پیچھے رہ گئے۔ دراصل میرے اور طاہر کے چلنے کے انداز میں نمایاں فرق تھا۔ میں آہستہ آہستہ لیکن مسلسل چلتا تھا، اگر میں آرام کرنے کے لئے بیٹھ جاتا تو دوبارہ اٹھنا مشکل لگتا تھا۔ جبکہ طاہر کچھ دور تیز تیز چلتا، پھر آرام کرنے کے لئے کسی بڑے پتھر پر با قاعدہ دراز ہو جاتا۔ اس مختلف انداز کی وجہ سے ہم اکھٹا نہیں چل پاتے تھے۔
موجودہ راستہ اُسی پگڈنڈی کا تسلسل تھا جس پر چلتے ہوئے ہم فیری میڈوز سے بیال کیمپ آئے تھے، لیکن یہ لینڈ سکیپ زیادہ وسیع تھا۔ جنگل زیادہ گھنا نہیں تھا۔ سلور برِچ کے درخت نسبتاً زیادہ تھے جن کا تعلق ’’بھوج پتر‘‘ کی نسل سے ہے جس کی چھال زمانۂ قدیم میں بطور کاغذ استعمال کی جاتی تھی۔ برچ کو مقامی زبان میں جوجی کہا جاتا ہے جبکہ سندر، شیتل، کیدار، پدماک اور غوش بھی اسی درخت کے مختلف نام ہیں۔ برچ کی چھال بھی کاغذ کی جگہ استعمال کی جا سکتی ہے لیکن یہ نسبتاً چھوٹے اور کم چوڑے ٹکڑوں کی شکل میں حاصل ہوتی ہے۔ اس لینڈ سکیپ میں چھوٹے چھوٹے نالے نہایت خوبصورت منظر پیش کر رہے تھے۔ لیکن جلد ہی یہ راستے سے دور ہوتے گئے اور راستہ قدرے پتھریلا ہو گیا۔
اس راستے کی خوبصورتی جس انداز میں اثر انداز ہو رہی تھی اسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ یہاں درخت تھے، سبزہ تھا، پھول تھے، دیو قامت پتھر تھے، چھوٹے چھوٹے پہاڑی نالے بلکہ نالیاں تھیں ، برف پوش چوٹیاں تھیں ، گلیشیئر تھا اور بہت کچھ تھا، لیکن جو چیز ناقابل بیان تھی وہ ان کی ترتیب، ان کی سیٹنگ تھی۔ بکھرے ہوئے سامان کو ترتیب سے آراستہ کرنا ہی انٹیرئیر ڈیکوریشن کا فن کہلاتا ہے، اور یہاں کی ڈیکوریشن قدرت کے فن کامل کا اظہار تھی۔ اللہ تعالیٰ سے بڑا ڈیکوریٹر ہونے کا دعوے دار بھلا کون ہو سکتا ہے؟
تقریباً ایک گھنٹہ سفر کے بعد ہم جس مقام پر پہنچے اسے رائے کوٹ ویو پوائنٹ کہا جاتا ہے اور یہاں سے رائے کوٹ پیک اور رائے کوٹ گلیشیئر کا منظر کافی دلفریب تھا۔ رائے کوٹ پیک ۷۰۷۰ میٹر بلند ہے اور نانگا پربت سر کرنے کے لئے ایک روٹ کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ رائے کوٹ گلیشیئر پاکستان کا سب سے زیادہ تیزی سے سلائیڈ کرنے والا گلیشیئر ہے۔ یہ اوسطاً چار سو میٹر فی سال کی رفتار سے رائے کوٹ پیک سے نیچے کی جانب کھسک رہا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ رفتار ایک کلومیٹر فی سال ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریاض نے بتایا کہ یہ جگہ ویو پوائنٹ نمبر ون بھی کہلاتی ہے۔ یہاں پہنچنے کے لئے تھوڑی سی چڑھائی بھی چڑھنا پڑی، جس کی وجہ سے مجھے پیاس لگ آئی تھی، لیکن پانی اب ہم سے کافی دور ہو چکا تھا۔
’’ ریاض خان مجھے پیاس لگ رہی ہے۔ ‘‘
’’پانی بس توڑا دور اے سر … وہ سامنے جو پتھر نظر آتا اے اس کے پاس پانی اے۔ ‘‘ اُس نے ایک جانب اشارہ کیا۔
جس طرف اُس نے اِشارہ کیا وہ کوئی پتھر نہیں بلکہ ایک بُلند و بالا پہاڑی تھی جس پر بے شمار پتھر موجود تھے۔
’’کونسا پتھر؟‘‘
ریاض نے دوبارہ اسی جانب اشارہ کیا تو مجھے ایک بڑا پتھر نظر آیا جو اس پہاڑی کی تقریباً ایک تہائی بلندی پر موجود تھا۔
’’وہ پتھر … ؟‘‘ میں نے اشارہ کرتے ہوئے تصدیق چاہی۔
’’جی صاب وہی پتھر …۔ ‘‘
لیکن میں نے غور کیا تو ریاض کی انگلی میری انگلی کی نسبت بہت زیادہ اوپر اٹھی ہوئی تھی۔
’’یار ٹھیک سے بتاؤ نا کونسا پتھر؟‘‘ میں نے جھنجھلا کر کہا۔
’’سر! وہ پتھر جو دھوپ میں چمکتا اے، اور جس کے پاس بوت سارے پھول اور اونچا اونچا درخت اے۔ ‘‘
اب میں نے ذرا احتیاط سے ریاض کی اُنگلی کے اشارے کا تعاقب کیا تو روح فنا ہو گئی۔ وہ جس پتھر کی طرف اشارہ کر رہا تھا وہ تو پہاڑی کی چوٹی پر موجود تھا اور دھوپ سے چمک رہا تھا۔
’’وہ۔۔ ۔ وہ۔۔ ۔ ۔ پتھر جو چوٹی پر ہے؟‘‘ میں نے خوفزدہ انداز میں پوچھا۔
’’جی … سر!‘‘
’’تمہارا مطلب ہے میں وہاں جا کر پانی پی آؤں ؟‘‘ میں نے اُسے گھورتے ہوئے بے یقینی سے کہا۔
’’ پی آؤں کیا مطلب صاب، جب وہاں سے گزرو تو پی لینا۔ ‘‘
’’مگر ہم وہاں سے کیوں گزریں ؟ ہم تو بیس کیمپ جا رہے ہیں۔ ‘‘
’’بیس کیمپ اِسی پہاڑی کے دوسری طرف اے۔ ‘‘
’’بیس کیمپ جانے کے لئے یہ پہاڑی کراس کرنا ہو گی؟‘‘
’’بالکل کراس کرنا پڑے گا۔ ‘‘
میرے جسم میں ایک سرد لہر دوڑ گئی اور مجھ پریہ حقیقت پوری طرح آشکار ہو گئی کہ فائن آرٹس کالج کے طلباء کا گروپ جس میں ایک باڈی بلڈر بھی شامل تھا، واپس کیوں چلا گیا تھا ؟
پونی پوائنٹ سے فیری میڈوز تک کا سفر ابھی بھولا نہیں تھا جسے ہم نے گھوڑے کی مدد سے طے کیا تھا۔ جب ہم فیر ی میڈوز پہنچے تھے تو لگتا تھا کہ جسم سے ساری توانائی نچوڑ لی گئی ہے۔ وہاں تو اچھا خاصا چھ فٹ چوڑا راستہ موجود تھا جب کہ سامنے والی پہاڑی تو بالکل ہی عمودی تھی جس پر کوئی باقاعدہ پگڈنڈی بھی نظر نہیں آ رہی تھی۔ میں کچھ دیر تک خوفزدہ نظروں سے اس پہاڑی کو دیکھتا رہا اور بالآخر ایک منطقی نتیجے تک پہنچ گیا۔
’’ریاض خانا!‘‘
’’جی صاحب۔ ‘‘
’’ہم کو ہے واپس جانا۔ ‘‘ میں نے گنگناتی آواز میں کہا۔
ریاض خان جو ایک پتھر پر بیٹھا تنکے چبا رہا تھا اور چھوٹے سے ٹیپ ریکارڈر پر پلے ہونے والے شینا زبان کے گیت کی لَے پر سر دھن رہا تھا ایکدم چونک اٹھا۔
’’کیوں ؟ واپس کیوں جائے گا سر! ‘‘
’’میں یہ پہاڑ کراس نہیں کر سکتا۔ ‘‘
’’کیوں نہیں کر سکتا … ضرور کر سکتا ہے سر! ‘‘
’’ہرگز نہیں کر سکتا۔ ‘‘ میں نے ذرا سختی سے کہا۔
’’آپ آرام سے کراس کر ے گا سر! اور پھر یہ بی سوچو … اگر یہاں سے واپس چلا گیا تو پھر اِدر آنے کا کیا فائدہ ؟ساری عمر پچھتاتا رہے گا کہ نانگا پربت کے بیس کیمپ تک نہ پہنچ سکا۔ ‘‘
’’مجھے اس چڑھائی سے ڈر لگ رہا ہے۔ ‘‘
’’ ڈرنے کا کوئی بات نئی سر … آپ تیز تیز نہ چلو … آہستہ آہستہ چڑھتے جاؤ۔ دیکھو ناں۔ ۔ ۔ ۔ ابی یہ آپ کے لئے توڑا مشکل تو ہو سکتا اے۔۔ ۔ ۔ مگر خطر ناک تو نہیں اے ناں ، دوسرا لوگ ایک گھنٹہ میں کراس کرتا اے آپ دو گھنٹے میں کر لے گا۔ ‘‘
میں چپ رہا۔
’’اور اگر پھر بی نہ چڑھ سکو تو واپس آ جانا۔ اُتر نا تو آسان اے ناں۔ ‘‘
میں پھر چپ رہا، دل البتّہ بے ایمان ہو رہا تھا۔ یہ بات درست تھی کہ راستہ عمودی تو تھا خطر ناک نہیں تھا۔ اگر ہمت جواب دی جاتی اور قدم اٹھنے سے انکار کر دیتے تو واپس آنا کچھ دشوار نہ تھا۔ ساری عمر ناکامی کی خلش سہنے سے پہلے کامیابی کے لئے کوشش کرنے میں کوئی حرج نہیں تھا۔
’’اور سر بیس کیمپ دیکھو گے تو باقی کا سارا نظارا بھول جاؤ گے۔ اُدر ہزاروں بلکہ لاکھوں پھول اے اور ہر قسم اور ہر رنگ کا پھول … ایسا نظارا پوری دنیا میں کسی بی بیس کیمپ پر نہیں ملتا۔۔ ۔ ۔ نانگا پربت کے الاوہ۔۔ ۔ ۔ ‘‘
’’مجھے پیاس بھی بہت لگ رہی ہے۔ ‘‘ میں نے مری مری آواز میں کہا۔
’’ وہ اُدر پانی تو ملے گا ناں …۔ ‘‘ اس نے پھر اسی پتھر کی طرف اشارہ کیا جو میرا دل دہلائے دیتا تھا۔
’’ ابھی طاہر اور عُمر بھی نہیں آئے۔ ‘‘
’’ وہ آ جائے گا سر جی … ام آگے چل پڑے گا تو وہ ضرور آئے گا ورنہ … ‘‘ ریاض خان نے جملہ ادھورا چھوڑ دیا۔ شاید وہ ٹھیک کہہ رہا تھا۔ میں اکیلا تھا تو اس نے مجھے کسی حد تک قائل کر لیا، ہم تینوں اکٹھے ہوتے توا سے قائل کر لیتے اور یہیں سے واپس ہو جاتے۔
ریاض خاں نے قدم بڑھا دیئے اور میں نے چند ثانیہ توقف کے بعد آگے جانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس پہاڑی پر واقعی کوئی باقاعدہ راستہ نہیں تھا۔ مختلف پتھر راستے کی نشاندہی کر رہے تھے اور سارے ہی پتھر راستے کے پتھر نظر آتے تھے۔ تھوڑی دیر کے بعد مجھے احساس ہوا کہ چڑھائی دیکھنے میں جتنی دشوار نظر آ رہی تھی اتنی کٹھن نہیں تھی۔ سانس تو ضرور پھول رہا تھا، پیاس بھی شدید تھی لیکن قدم اٹھتے رہے اور دھیرے دھیرے ہم اس پتھر کے نزدیک ہوتے گئے جو مجھے خوفزدہ کر رہا تھا۔ ہم نے آدھا فاصلہ طے کیا ہو گا کہ اوپر سے آٹھ دس سال کا ایک لڑکا بھاگتا ہوا آیا۔ ریاض خان نے اُسے اشارہ کیا تو وہ رک گیا۔
’’یارا بھاگ کر جاؤ اور امارا نسوار کا ڈبہ تو لے آؤ۔ ‘‘
لڑکا اسی طرح دوڑتا ہوا نیچے اتر گیا۔
’’یہ کون تھا۔ ‘‘ میں نے ریاض سے پوچھا۔
’’امارا بھتیجا، سجاد۔ ‘‘
’’یہ تمہارا نسوار لینے کہاں جائے گا؟‘‘
’’گاؤں میں اور کِدر؟‘‘
’’یعنی بیال گاؤں ؟‘‘
’’جی صاب۔ ‘‘
’’ تم نے نسوار لینے اسے اتنی دور بھیج دیا ہے، وہ تو بری طرح تھک جائے گا۔ اگر راستے میں بیٹھ کر رونے لگ گیا تو؟‘‘
ریاض خان ہنسنے لگا۔
’’ سر وہ دن میں چار پانچ دفعہ بیس کیمپ کا چکر لگاتا اے، آپ دیکھنا وہ ابی توڑی دیر میں نسوار لے آئے گا۔ ‘‘
’’ کمال ہے۔۔ ۔ ۔ میرا تو یہاں آتے آتے حشر نشر ہو گیا ہے اور مجھے لگ رہا ہے کہ بس میں گرنے ہی والا ہوں۔ ‘‘
’’تم ابی نئی گرے گا تم بی بوت ڈھیٹ اڈی اے۔ ‘‘
’’ میں کیا ہوں ؟‘‘ میں ہڑ بڑا گیا۔
’’ تم بوت ڈھیٹ ہڈی اے۔ امارے ساتھ ساتھ چلتا اے۔ امارا خیال تھا تم بوت پیچھے رہ جائے گا۔ ‘‘
’’وہ اس لئے کہ تم بہت آہستہ چل رہے ہو۔ ‘‘
’’ ٹیک اے۔۔ ۔ ۔ مگر تم تو کہتا تھا کہ تم اوپر جا ای نئی سکتا۔۔ ۔ ۔ اب بولو۔۔ ۔ ۔ پونچا کہ نئی پونچا؟‘‘
’’پہنچا بابا پہنچا۔ ‘‘
میں نے ریاض خان کے دیئے ہوئے اس خطاب کو پسند تو نہیں کیا لیکن الفاظ کے انتخاب سے قطع نظر اُس کا جملہ بہرحال توصیفی تھا اس لئے میں نے ’’ڈھیٹ ہڈی‘‘ کی حیثیت سے اس کا شکریہ ادا کیا۔
تقریباً ایک گھنٹہ بعد میں اس خوفزدہ کرنے والے پتھر پر بیٹھا بُری طرح ہانپ رہا تھا اور پیاس کی شدّت ناقابلِ بیان تھی۔
ریاض کے بقول یہ ویو پوائنٹ نمبر دو تھا۔
کہنے کو نمبر دو، لیکن حقیقت میں تو یہی نمبر ون تھا۔ دو نمبری وہ تھا جو نیچے رہ گیا تھا۔ پورے کا پورا نانگا پربت، عظیم الشّان رائے کوٹ گلیشیئر اور نانگا پربت کے دامن تک پہنچتا ہوا وسیع و عریض سبزہ زار، اس میں کھلے اَن گنت پھول اور بل کھاتی پگڈنڈیاں ، سب کچھ ایک خوبصورت پینٹنگ کی طرح نظروں کے سامنے تھا۔
بے ترتیب سانس کچھ ہموار ہو گیا تو پیاس کی شدت آئی۔
’’ ریاض خاں پانی کدھر ہے؟‘‘
’’بس بالکل پاس اے سر … ابی توڑا نیچے اترو گے تو بوت پانی ملے گا۔ ‘‘
’’جلدی چلو … مجھے شدید پیاس لگی ہے۔ ‘‘
ہم آگے بڑھے۔ اس مرتبہ ایک واضح پگڈنڈی تھی جو نیچے اترتی تھی۔ میں اس پگڈنڈی پر چند قدم ہی چلا تھا کہ اچانک راستہ غائب ہو گیا۔ صرف ایک ترچھی ڈھلوان نظر آ رہی تھی جس پر راستہ ہونے کی تہمت لگانا زیادتی تھی۔
’’ ریاض خانا۔ ‘‘ میں نے ہانک لگائی۔
’’جی صاحب۔ ‘‘
’’یارا یہ کیسا راستہ ہے ؟بلکہ راستہ کہاں ہے ؟کس طرف کو ہے؟ کدھر ہے؟‘‘
’’بالکل سیدا رستہ تو اے صاب !آپ بے فکر ہو کر آ جاؤ۔ ‘‘
بائیں جانب والی گہری ڈھلان بے فکر ہونے کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ تھی … اور راستہ کوئی تھا نہیں ، صرف ایک قدم ٹکانے کی جگہ تھی وہ بھی انتہائی ڈھلوانی۔۔ ۔ ۔ صرف قدم ٹکانے کی، قدم جمانے یا روکنے کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔ یہ راستہ تو صرف چند قدم تھا لیکن میں ان راہوں کا راہی نہیں تھا اس لئے اسے دیکھ دیکھ کر لرز رہا تھا۔ بہرحال جوں توں یہ چند قدم کا فاصلہ طے کر لیا گیا اور فاصلہ طے کر لیا تو یاد آیا کہ یہ تو وہی جگہ ہے پھسلے تھے ’’وہ‘‘ جہاں سے۔ وہ سے مُراد مستنصر حسین تارڑ صاحب ہیں جو پھسلنے(چکنے چہروں پر ) کی عادت رکھنے کی بنا پر اس ناہموار راستے پر پھسل گئے تھے اور ایک غیر ملکی ٹریکر نے بمشکل ان کی جان بچائی تھی۔ تارڑ صاحب نے یہ واقعہ اپنی کتاب نانگا پربت میں لکھا ہے۔ یہاں پھسلنے کے بعد وہ جان بچی سو لاکھوں پائے کہتے ہوئے واپس بیال کیمپ چلے گئے تھے۔ اللہ کا شکر ہے کہ اُن کی کتاب کی یہ سطریں مجھے چند منٹ پہلے یاد نہ آئیں ورنہ میں اس راستے پر قدم رکھنے کی ہمت نہ کرتا۔
اچانک پانی سامنے آ گیا۔ یہ ایک خاصا بڑا پہاڑی نالا تھا جس میں گلیشیئر کا گدلا پانی آ رہا تھا۔ میں اب پیاس کی شدت سے نڈھال ہو چکا تھا۔ یہی گدلا پانی آبِ حیات سمجھتے ہوئے جی بھر کے پیا تو جان میں جان آئی۔ نالے میں موجود پتھروں پر پاؤں رکھتے ہوئے ہم نے اسے کرا س کر لیا تو ریاض خان نے بتایا کہ اب ہم گلیشیئر پر سے گزر رہے ہیں۔ جس جگہ کو ریاض گلیشئر کہہ رہا تھا اس نے میرے گلیشیئر کے تصور کا ستیاناس کر کے رکھ دیا۔ گلیشیئر بہرحال برف کے پہا ڑ کو کہتے ہیں اور یہاں برف کی بجائے بڑے بڑے پتھر تھے۔ ان پتھروں کو چٹانیں نہیں کہا جا سکتا تھا کیونکہ یہ گول، ہموار اور پھسلواں تھے اور کافی وسیع علاقے میں پھیلے ہوئے تھے۔ یہاں راستے کا کوئی سوال نہ تھا اور مقامی لوگوں نے جگہ جگہ آٹھ دس پتھر اوپر نیچے رکھ کر چھوٹی چھوٹی بُرجیاں بنائی ہوئی تھی جو راستے کی نشاندہی کرتی تھیں۔ آگے پیچھے دائیں بائیں صرف پتھر ہی پتھر تھے۔ کبھی کبھی ہم ان پتھروں میں کافی گہرائی میں چلے جاتے، پھر چڑھائی کے وقت احتیاط سے پتھر کا انتخاب کرنا پڑتا تھا۔ وہ پتھر جو دیکھنے میں انتہائی شریف اور معصوم نظر آتا، قدم پڑتے ہی انتہائی نامعقول اور خطرناک ثابت ہوتا، خود لڑھکتا اور دوسروں کو لڑھکا دیتا۔ میں نے بمشکل خود کو ان لڑھکنے والے پتھّروں میں شامل ہونے سے بچایا۔ یہ نام نہاد گلیشیئر ’’گنالو گلیشیئر‘‘ کہلاتا ہے جو گنالو پیک سے آتا ہے اور رائے کوٹ گلیشیئر میں شامل ہو جاتا ہے۔ ہم اس گلیشیئر کی بوتھی کو کراس کر رہے تھے۔ گلیشیئر ختم ہوا تو ریاض نے بتایا کہ سامنے بیس کیمپ ہے۔ بیس کیمپ واقعی سامنے تھا، لیکن نزدیک ہرگز نہیں تھا، البتہ اطمینان بخش بات یہ تھی کہ ہم بھی بلندی پر تھے اور چڑھائی سے چھٹکارا مل چکا تھا۔ ایک خوبصورت پگڈنڈی جنگلی پھولوں سے لدی ہوئی پہاڑیوں میں سے بل کھاتے ہوئے بیس کیمپ تک پہنچتی تھی۔ یہ بیس کیمپ تک کے سفر کا سب سے آسان اور سب سے خوبصورت مرحلہ تھا۔ یہاں پہنچ کر کامیابی کی طمانیت نصیب ہوئی۔ بیس کیمپ سے پہلی والی پہاڑی پر پہنچ کر قدم خود بخود رک گئے۔
یہاں شاید ادب و احترام کے ساتھ رک جانا ہی مناسب تھا۔ اب جو منظر نظروں کے سامنے تھا اسے قدموں تلے روندنا اچھا نہیں لگ رہا تھا۔ یہاں کیا نہیں تھا؟مجھے اعتراف ہے کہ اگر میں قدرت کی صنّاعی کا اتنا خوبصورت شاہکار دیکھنے سے محروم رہ جاتا تو یہ ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا۔ میرے سامنے نانگا پربت کی برف پوش بلندیاں تھی، عظیم الجثّہ رائے کوٹ گلیشیئر کا مکمل نظارہ تھا، قالین نما سبزہ زار تھا جو واقعی رنگ برنگے پھولوں سے آراستہ تھا۔ ریاض خان نے غلط نہیں کہا تھا، یہاں لاکھوں نہیں کروڑوں پھول تھے۔ ہر رنگ اور ہر شیڈ کا پھول خوبصورت نگینے کی طرح سبزہ نورستہ میں جڑا ہوا تھا۔
میں پھولوں کی اس وادی میں مسحور کھڑا تھا کہ میرے ذہن میں انڈیا کی ’’ویلی آف فلاورز‘‘ کی یادیں فلیش بیک ہونے لگیں۔ ۱۹۹۲ء میں میں دہلی میں تھا جب میں نے ہماچل پردیش میں موجود ہمالیائی سلسلے کے دامن میں ویلی آف فلاورز کا تذکرہ سنا۔ دہلی کے پرگتی میدان میں ویلی آف فلاورز کی مناسبت سے ایک نمائش لگی ہوئی تھی جس میں مصنوعی ویلی آف فلاورز بنائی گئی تھی اور وہاں کے پھولوں کو بہت خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ یہاں پر ’’ویلی آف فلاورز‘‘ کے بارے میں ہر طرح کی معلومات مہیا کی گئیں تھیں اور ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی جا رہی تھی۔ مہیّا کی گئی معلومات کے مطابق یہ وادی آٹھ کلومیٹر لمبی اور دو کلومیٹر چوڑی تھی، اور یہ سطح سمندر سے تقریباً ساڑھے تین ہزار میٹر بلند تھی۔ یہ سب کچھ غیر ملکی سیّاحوں کو ویلی آف فلاورز کی طرف متوجہ کرنے کے لئے کیا جا رہا تھا، تاکہ سیّاح وہاں جائیں اور ویلی آف فلاورز ایک تفریحی مقام کے طور پر پوری دنیا میں مشہور ہو جائے۔ پبلسٹی کی طاقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، اس لئے بہت سے سیّاح اس نمائش کو دیکھ کر ویلی آف فلاورز جانے کا پروگرام بنا رہے تھے۔ دل تو میرا بھی بے ایمان ہونے لگا تھا لیکن ویزا نہ ہونے کی وجہ سے ویلی آف فلاورز کا دیدار ممکن نہیں تھا۔
میں انڈیا کی ویلی آف فلاورز جا تو نہ سکا، لیکن پرگتی میدان کی تعارفی نمائش نے اس ویلی کا ایک خاکہ میرے ذہن میں نقش کر دیا تھا، اور اس وقت یہ تصوّراتی نقش جیتی جاگتی مورت کی صورت میں میری نظروں کے سامنے تھا۔ میں نے جَیل گاؤں سے بیس کیمپ تک لگ بھگ پندرہ کلومیٹر کا فاصلہ تو طے کیا ہی ہو گا اور میں اس وقت ۳۹۰۰ میٹر کی بلندی پر موجود تھا۔ میں نے جو پھول اُس نمائش میں دیکھے تھے اور جن کی تعریف مبالغہ آرائی کی حد تک سنی تھی وہ سب کے سب میری نظروں کے سامنے تھے۔
کو ہستانی السی (Edelwiese)
گلِ نیلم (Blue Poppy)
گلِ لالہ (Red Poppy)
گلِ سوسن (Day lily)
لاجونتی (Touch-me-not)
جنگلی گلاب (Pasture Rose)
جنگلی سورج مکھی (Wild Marigold)
بسنتی گلاب (Primula)
الوسن (Alyssum)
گلِ شقائق (Anemone)
گلِ بہاری (Wild Daisy)
گلِ فنجائی (Evening Primrose)
آتشی بوٹی (Fire Weed)
اور ان گنت ایسے جو میں نے کبھی نہیں دیکھے تھے۔ دامنِ ہمالیہ کا نایاب سمجھا جانے والا ہمالین بلاسم ((Himalayan Blossom جس کی شکل ہیلمٹ سے ملتی ہے اور اُسے پولیس مین ہیلمٹ ( Policeman's Helmet) بھی کہا جاتا ہے اور بنفشی رنگ کا کوبرا للی(Cobra Lily (، (جو حیرت انگیز حد تک سانپ کے پھن سے مشابہ تھا) بھی کہیں کہیں نظر آ رہے تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس علاقے میں پھولوں کی چار سو سے زائد اور جڑی بوٹیوں کی چار ہزار سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں۔
نام کسی جگہ کی اہمیت پر اچھا خاصا اثر ڈال سکتے ہیں۔ بیسویں صدی کے دوسرے عشرے میں کوئی جرمن کوہ پیما فنتوری(Fungtoori ) سے گزرتے ہوئے اسے فیری میڈوز کہہ کر مقامی لوگوں کو ایسا تحفہ دے گیا جو لگ بھگ ایک صدی سے کوہ نوردوں کی توجہ کا مرکز بن کر مقامی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے۔ انڈیا کے چھوٹے سے گمنام ہمالیائی سلسلے(گڑھوال ہمالیہ) سے گزرتے ہوئی ایک کوہ پیما اور کوہ نورد فرینک سمتھ (Frank Smithe ) نے اسے ویلی آف فلاورز کہا تو یہ نام کوہ نوردوں کو اپنی طرف متوجّہ کرنے لگا اور انڈیا نے اس علاقے کو پروٹیکٹڈ ایریا قرار دے کر یہاں بود و باش ممنوع قرار دیدی۔ صدیوں سے موجود قدرتی چرا گاہ کو پالتو جانوروں کے لئے شجرِ ممنوعہ قرار دے کر جنگلی حیات و نباتات کو تحفظ فراہم کیا اور ان اقدامات کی پبلسٹی کر کے دنیا بھر کے سیّاحوں کو متوجّہ کرنے میں کامیاب رہا۔ میں سوچ رہا تھا کہ اگر حکومت پاکستان ’’پونی پوائنٹ ‘‘ سے نانگا پربت بیس کیمپ رائے کوٹ تک کے علاقے کو پروٹیکٹڈ ایریا قرار دے کر اسے ’’کیمپ آف فلاورز‘‘ یا ’’ فیلڈ آف فلاورز‘‘ یا ’’سٹی آف فلاورز‘‘ کے نام سے پبلسٹی دینا شروع کر چراہmeور ر احمدg/mehfil/ دے تو کیسا رہے گا؟
یہ میدان اور پھول اگر ہمارے علاقے میں ہوتے شاید سینکڑوں مالی ان کی حفاظت اور آرائش کے لئے درکار ہوتے، اور روزانہ کانٹ چھانٹ کر کے اس خوبصورت منظر کا تناسب قائم رکھتے، لیکن یہاں کسی تراش خراش کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ تخلیق دینے والے نے قدرتی تناسب ہی اتنا موزوں رکھ دیا ہے کہ یہ شاہکار خود بخود آنکھوں کے راستے دل میں اترتا جاتا ہے۔
میرے خیالوں میں لتا کی مدھر آواز گونجنے لگی۔
یہ سماں۔ ۔ ۔ سماں ہے یہ پیار کا۔۔ ۔ ۔ کسی کے انتظار کا۔۔ ۔ ۔ ۔
مجھے بھی تو کِسی کا اِنتظار تھا۔
اِس سے بڑی بد ذوقی اور کیا ہو گی کہ یہاں مجھے طاہر اور عُمر کا انتظار تھا۔
میں نے چند لمحے بے حس و حرکت رہ کراس منظر کو ذہن کے کسی گوشے میں محفوظ کرنے کی کوشش کی اور پھر خاصے پُر جوش انداز میں ریاض خاں کا شکریہ ادا کیا، کہ اس نے میری ہمت بندھائی اور میں نے یہاں آنے کا فیصلہ کیا۔
’’سر اچھا جگہ اے ناں ؟‘‘
’’بہت اچھی ہے ریاض خان، یہ تو ماسٹر پیس ہے۔ ‘‘
’’کونسے ماسٹر صاب کا پیس سر؟ ‘‘ ریاض نے ذرا حیرانی سے پوچھا۔
’’ماسٹر کا پیس نہیں ماسٹر پیس۔ ‘‘ میں نے بے خیالی میں جوا ب دیا۔ ’’انتہائی خوبصورت، لاجواب اور بے مثال۔۔ ۔ ۔ ریاض خان !یار ایک بات تو بتاؤ؟‘‘
’’پوچھو صاب۔ ‘‘
’’کیا علامہ اقبال ادھر آئے تھے؟‘‘
’’کون علامہ اقبال سر، اقبال تو آپ نے اپنا نام بتایا تھا۔ ‘‘
’’خدا کا خوف کرو ریاض خان … تم علامہ اقبال کو نہیں جانتے ؟‘‘
’’پتہ نہیں صاب یہاں تو بوت سارا اقبال آتا اے اب پتہ نہیں ان میں علامہ کونسا اے … آپ اسے جانتا اے سر؟‘‘
میں خاموش ہو گیا … مجھے ایک مرتبہ پھر شبہ ہوا کہ ریاض خان مجھے بیوقوف بنا رہا ہے۔ مجھے علامہ اقبال اس لئے یاد آئے کہ یہ منظر ان کے ایک شعر کی مکمل تشریح تھا۔ اگر علامہ اقبال نے اسی پتھر پر بیٹھ کر وہ شعر کہا تھا تو وہ کسی تصوراتی منظر کا نہیں بلکہ حقیقی منظر کا شعری خلاصہ تھا۔
پھول ہیں صحرا میں ، یا پریاں قطار اندر قطار
نیلے نیلے، اودے اودے، پیلے پیلے پیرہن
اور یہاں پہنچ کر مجھے محسوس ہوا کہ سفر کی مشقّت کے عوض نانگا پربت نے اپنے خزانے کا ایک خوبصورت تحفہ مجھے بھی عطا کر دیا ہے۔ ایک مشہور و معروف کوہ پیما سر فرانسس ینگ ہسبینڈ (Sir Francis Young Husband) کا قول ہے :
’’جو لوگ پہاڑوں کی زیارت کے لئے جدوجہد کرتے ہیں ، پہاڑ انہیں خوبصورتی کے ایسے تحفے عطا کرتے ہیں جو جدّو جہد نہ کرنے والوں کو کبھی بھی نصیب نہیں ہوتے اور خوبصورت ترین تحفہ انہیں بخش دیا جاتا ہے جو پہاڑ کی چوٹی تک پہنچ جائیں۔ ‘‘
چوٹی تک پہنچنا تو دور کی بات ہے میں تو فی الحال قدموں تک بھی نہیں پہنچ پایا تھا، اس لئے اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ تحفہ مجھے عطا کر کے نانگا پربت نے کھُلی جانبداری کا مظاہرہ کیا تھا۔ ہو سکتا ہے اسے میری فٹنس اور عمر دیکھ کر ہنسی آ گئی ہو:
’’ اچھا؟ … تو تم بھی پہنچ گئے ؟‘‘
اور ایک غریب پرور بادشاہ کی طرح جو کسی معمولی بات پر خوش ہو کر بعض اوقات مسخروں کو بھی بڑے بڑے انعامات سے نواز دیتا ہے مجھے بھی نواز دیا گیا ہو۔
تھینک یو اللہ میاں اینڈ تھینک یو نانگا پربت۔
ایک عدد مقامی گائیڈ و غیر ملکی باشندوں کے ساتھ آتا نظر آیا تومیں نے چند قدم آگے بڑھ کر اس سے سلام دعا کی اور اپنے ساتھیوں کے بارے میں پوچھا۔ اس نے بتایا کہ ایک قدرے بھاری بھر کم اور دوسرا سمارٹ ٹریکر انہیں راستے میں ملے تھے اور وہ ابھی کافی پیچھے ہیں ، کچھ دیر تک پہنچ جائیں گے۔ مجھے تسلّی ہوئی۔
’’چلیں سر؟‘‘ ریاض خان نے پوچھا۔
’’کہاں ؟‘‘
’’بیس کیمپ اور کدر؟‘‘
’’اِس راستے سے … ؟‘‘ میں نے راستے پر بچھی پھولوں کی سیج کی طرف اشارہ کیا جسے قدموں تلے روندنا بد ذوقی نہیں ایک ذوقی جرم تھا۔
’’سر یہ ایک ای تو راستہ اے اور کونسا راستہ اے ؟‘‘
’’ ہم ان پھولوں پر پاؤں رکھتے ہوئے گزریں گے ؟‘‘
’’سب گزرتا اے سر۔ ‘‘ اس نے لاپرواہی سے کہا۔
ہم بھی گزر گئے۔
٭٭٭
{پہاڑوں کا امیر، دیامیر}
میں دیامیر کے پُر شکوہ دربار میں حاضر ہوا تو سارے سحر ختم ہو گئے۔ فیری میڈوز، بیا ل کیمپ اور خود بیس کیمپ، سب کا جادو بے اثر ہو گیا۔ دیامیر نے مجھے اپنی تجلّی کے لئے ناتواں سمجھتے ہوئے بادلوں کے گھونگٹ میں مُکھڑا چھپا لیا تھا، نہ جانے کِس نے اُسے ہماری آمد کی خبر دے دی تھی؟
دیکھنے کو ہم گئے تھے آج اُس کو بے خبر
کیا خبر تھی یہ کہ ہم کو دیکھ کے چھُپ جائے گا
دیامیر۔۔ ۔ ۔ مقامی نام بمعنی پہاڑوں کا بادشاہ
نانگا پربت … ننگا پہاڑ
Naked Mountain … ننگا پہاڑ
جرمن پہاڑ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔
آدم خور پہاڑ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
شیطانی پہاڑ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
نانگا پربت کوئی ایک چوٹی نہیں بلکہ چوٹیوں کا مجموعہ ہے، اسی لئے نانگا پربت کو (Nanga Parbat Massif)یعنی مجموعۂ نانگا پربت کہا جاتا ہے۔ سب سے اونچی چوٹی مین پیک (Main Peak) یا مرکزی چوٹی کہلاتی ہے اسے سَمِٹ پیک (Summit Peak)بھی کہتے ہیں اور عرف عام میں یہی چوٹی نانگا پربت کہلاتی ہے۔ آٹھ ہزار ایک سو چھبیس میٹر بلند یہ چوٹی پاکستان کی دوسری اور دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہے اور اسے سر کرنا ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے سے کئی گنا زیادہ مشکل ہے۔ مشہور کوہ پیما کینتھ میسن(Kenneth Mason) نانگا پربت کے بارے میں لکھتا ہے:
’’ پہاڑوں کی دنیا میں نانگا پربت سب سے ظالم اور ناقابل اعتبار پہاڑ ہے۔ یہ اندازے کی معمولی سے معمولی غلطی کو بھی معاف نہیں کرتا اور اس کے قانون میں غلطی کی چھوٹی سے چھوٹی سزا موت ہے۔ ‘‘
نانگا پربت کی چوٹی کے نزدیک پتھریلی ڈھلان اتنی عمودی ہے کہ برف اس پر ٹھہرنے کے بجائے پھسل جاتی ہے، برفانی لباس اسے مکمل طور پر چھپا نہیں سکتا اور چوٹی ہمیشہ ننگی رہتی ہے، یہی اس کے نام کی وجہ تسمیہ ہے۔ نانگا پربت پر کوہ پیماؤں کی کامیابی کا تناسب ۲۸ فیصد ہے، اور اس سے کم تناسب صرف اناپورنا کا ہے۔ اس قاتل پہاڑ کو سر کرنے کی کوشش میں تقریباً باسٹھ افراد، جن میں صفِ اوّل کے کوہ پیما، شرپا، گورکھے اور پاکستانی پورٹرز شامل ہیں ، اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ نانگا پربت کو ۲۰۰۵ء تک لگ بھگ اڑھائی سو افراد سر کر سکے ہیں جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ کے لئے یہ تعداد دو ہزار سے زائد مجموعہءِ ہو چکی ہے۔
نانگا پربت کو شلاگنٹ ویٹ (SCHLAGENTWEIT)بھائیوں نے دنیا سے متعارف کرایا۔ جرمنی سے تعلّق رکھنے والے شلاگنٹ ویٹ برادران برّصغیر پر برطانوی دورِ تسلّط میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے ملازم تھے اور اس علاقے کا سروے کرنے پر مامور کئے گئے۔ ایڈولف شلاگنٹ ویٹ، ہرمن شلاگنٹ ویٹ اور رابرٹ شلاگنٹ ویٹ نے پہلی مرتبہ نانگا پربت کا پینسل سکیچ جرمنی بھجوایا۔ ہرمن اور رابرٹ واپس جرمنی چلے گئے جبکہ ایڈولف چین کے شہر کا شغر میں داخل ہوا، وہاں کسی الزام میں پکڑا گیا اور والیِ شہر نے اسے موت کے گھاٹ اتروا دیا۔ ایڈولف شلاگنٹ ویٹ کو نانگا پربت کا پہلا شکاربھی کہا جاتا ہے کیونکہ خاکہ اسی نے بنایا تھا۔
نانگا پربت کی تصاویر کیونکہ سب سے پہلے جرمنی میں شائع ہوئیں اس لئے یہ پہاڑ شروع سے ہی جرمن کوہ پیماؤں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
کوہ پیمائی نے ۸اگست ۱۷۸۶ء کو باقاعدہ سپورٹس کا درجہ حاصل کیا جب یورپ کی سب سے بلندچوٹی ماؤنٹ بلانک(۴۸۱۰ میٹر) سر کر لی گئی۔ اس کے بعد سے کوہ پیما بلند ترین پہاڑوں کو سر کرنے کے درپے ہو گئے۔ بیسویں صدی کے آغاز میں نانگا پربت آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیوں میں سب سے آسان سمجھی جانے والی چوٹی تھی اور اسی غلط فہمی نے کئی مشہور کوہ پیماؤں کی جان لے لی۔ نانگا پربت سرکرنے کی پہلی باقاعدہ کوشش برطانوی کوہ پیماہ البرٹ فریڈ رک ممری نے۱۸۹۵ء میں کی۔ ممری (A.F.MUMMERY) کو اس وقت کوہ پیمائی میں LEGEND کا درجہ حاصل تھا۔ یہ با ہمت کوہ پیما اپنی ٹیم کے ہمراہ سات ہزار میٹر کی بلندی تک پہنچ چکا تھا کہ ساتھیوں کی بیماری اور خوراک کی شدید کمی کہ وجہ سے ٹیم کو واپس آنا پڑا۔ دل گرفتہ ممری نے واپسی کا فیصلہ کیا تو اس کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ اُس نے اپنے ساتھیوں سے حسرت زدہ لہجہ میں کہا :
’’اگر مجھے ایک دن مزید مل جاتا تو میں یہ چوٹی سر کر لیتا۔ ‘‘
اسے علم نہیں تھا کہ اُس کی زندگی میں یہ ایک دن دوبارہ کبھی نہیں آئے گا اور دوسروں کے لئے یہ ایک دن اٹھاون سالوں پرمحیط ہو جائے گا۔
ٹیم صحیح سلامت دیا میر فیس کے بیس کیمپ تک پہنچ گئی۔ ہوش و حواس قائم ہوئے توٹیم کے ارکان نے فیصلہ کیا کہ وہ رائے کوٹ کی جانب سے پہاڑ کو سر کرنے کی ایک اور کوشش کریں گے۔ ٹیم کے دو کوہ پیما نارمن کولی (COLLIE) اور ہاسٹنگ(HASTING) زمینی راستے سے رائے کوٹ فیس کے لئے روانہ ہوئے جبکہ ممری اور دو نیپالی گو رکھوں رگھوبیرسنگھ اور گومان سنگھ نے فیصلہ کیا کہ وہ دیامیرفیس اور رائے کو ٹ فیس کے درمیانی درّے سے گزرکر نارتھ فیس کے بیس کیمپ تک پہنچیں گے۔ جب کولی اور ہاسٹنگ رائے کوٹ فیس کے بیس کیمپ پہنچے (غالباً یہیں رکے ہوں گے جہاں ہم کھڑے تھے) توممری اپنے ساتھیوں کے ساتھ موجود نہیں تھا۔
یہ لو گ کبھی یہاں نہ پہنچ سکے اور سمجھ لیا گیا کہ یہ تینوں کسی برفانی تودے کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے ہوں گے۔
جنگ عظیم اول اور دوم کے درمیانی عرصہ میں پانچ ٹیمیں جن کا تعلق جرمنی سے تھا، نانگا پربت سر کرنے کے لئے آئیں اور صفِ اول کے دس جرمن کوہ پیما اور پندرہ شرپا اس عرصے میں نانگا پربت کی خونخواری کا شکار ہوئے۔ ۱۹۳۴ ء میں جرمنی کا مشہور و معروف کوہ پیما ولی مرکل ( Willy Merkl )جو ۱۹۳۲ء میں ناکام ہو چکا تھا دوبارہ نانگا پربت سر کرنے آیا۔ وہ تقریباً ساڑھے سات ہزار میٹر کی بلندی تک پہنچ چکا تھا اور جب لبِ بام صرف دو چار ہاتھ رہ گیا تھا تو اس کی ٹیم خراب موسم کا شکار ہو گئی۔ چار دن کے عرصے میں چار جرمن کوہ پیما، جن میں ولی مرکل خود بھی شامل تھا، اور چھ شرپا ہلاک ہو گئے۔ چار سال بعد ایک ٹیم نے ولی مرکل کی لاش دریافت کی تو اس حالت میں تھی کہ گیلے نامی شرپا کی لاش نے اسے پوری طرح ڈھانپا ہوا تھا جیسے وہ آخری وقت تک اپنے آقا کے جسم کو اپنے جسم کی گرمی منتقل کرنے کی کوشش کرتا رہا ہو۔ ۱۹۳۷ء میں سات جرمن کوہ پیما اور نو شرپا برفانی تودے کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔
ولی مرکل کی موت نانگا پربت کی تاریخ کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ ولی مرکل کے سوتیلے بھائی ڈاکٹر کارل ماریا ہرلگ کو فر (Karl Maria Herligkoffer) نے، جسے عرفِ عام میں ہرلی کوفر کہا جاتا ہے، نانگا پربت سے انتقام لینے کا فیصلہ کیا۔ وہ خود تو کوہ پیما نہیں تھا، اس نے ماہر کوہ پیما ؤں پر مشتمل ٹیمیں ترتیب دے کر ہر دوسرے سال نانگا پربت کا رخ کرنا اپنا وطیرہ بنا لیا اور بالآخر اسی کی قیادت میں نانگا پربت سر کر لیا گیا۔ مجھے نانگا پربت سر کرنے کی مہم کے بارے میں کافی معلومات تھیں لیکن ایک گائیڈ نے یہ داستان بہت ہی دلچسپ انداز میں سنائی، اس لئے یہ کہانی پھر سہی!
ہم بیس کیمپ پہنچ چکے تھے اور اِس جگہ موجود تھے جہاں سے کوہ پیما اپنی مہم کا آغاز کرتے ہیں۔ یہ ایک خوبصورت منظر تھا اور اس خوبصورت منظر میں پتھروں اور لکڑی سے بنا ہوا اکلوتا کیبن نما ہوٹل یا ہوٹل نما کیبن انتہائی مِس فٹ دکھائی دیتا تھا۔ مجھے تو اس عمارت کا اس کے سوا کوئی مصرف نظر نہیں آیا کہ اسے علامہ اقبال کے ایک شعر کے اعزاز میں ، اُن کی معصوم سی خواہش پورا کرنے کے لئے یہاں کھڑا کر دیا گیا تھا۔
مرتا ہوں خامُشی پہ، یہ آرزو ہے میری
دامن میں کوہ کے اک، چھوٹا سا جھونپڑا ہو
مجھے یقین ہے کہ اگر شاعرِ مشرِق خودا کر دیکھ لیتے کہ ان کی شاعرانہ خواہش کو عملی جامہ پہنانے سے یہ خوبصورت منظر کتنا داغدار ہو گیا ہے تو وہ اس شعر کی ملکیت سے دستبردار ہو جاتے۔ بقیہ ماحول البتہ اس شعر کی جامع تفسیر تھا۔ بے کراں خاموشی میں مرنے کے مواقع بدرجہ اتم موجود تھے، جی چا ہے تو منظر کی لازوال خوبصورتی پر جاں فدا کر دیجئے ورنہ نانگا پربت کا رُخ کر لیں۔ یہاں واقعی ایسا انوکھا سکوت تھا جس پر کئی تقریریں فدا کی جا سکتی تھیں۔ علامہ اقبال نے تو اس جھونپڑے میں خود رہائش رکھنے کی آرزو کی تھی یار لوگوں نے اسے ہوٹل میں تبدیل کر دیا، البتّہ شاعرِ مشرق کی خواہش کے احترام میں کھانے کی قیمتوں کے معیار کو بانگِ درا کی شاعری کے معیار کے مطابق رکھا گیا تھا۔ ریاض نے بتایا کہ یہ بیس کیمپ کا اکلوتا ہوٹل ہے، تو میں نے خلوص دل سے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسے اکلوتا ہی رکھے اور قلیل العمر بنائے۔ ہوٹل خود بھی اپنے وجود پر کافی شرمسار نظر آتا تھا۔
اس کیبن کے سامنے ایک نوجوان میٹر س پر دراز تھا۔ اس کے جسم پر موجود ہائی آلٹی چیوڈ جیکٹ، بیشمار جیبیں رکھنے والا کاٹن کا نیلا ٹراؤز، کیمپ شوز اور قیمتی گا گلز اسے شوقیہ ٹریکر سے کچھ اونچی چیز ثابت کر رہے تھے۔ خدوخال سے وہ مقامی لگتا تھا ابھی میں سوچ ہی رہا تھا کہ اسے ڈسٹرب کرنا مناسب بھی ہو گا یا نہیں کہ وہ خود ہی اٹھ بیٹھا۔
’’السلام علیکم۔ ‘‘
’’وعلیکم السلام۔ ‘‘ میں نے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا۔
’’مجھے عثمان ڈار کہتے ہیں۔ ‘‘
’’میرا نام اقبال ہے، آپ کہاں سے آئے ہیں ؟‘‘
’’گلگت سے۔ ‘‘
’’اچھا؟گلگت کے باسی بھی پہاڑوں کی سیر کے شوقین ہوتے ہیں ؟ ‘‘
وہ ہنسنے لگا۔
’’ میں اس وقت گلگت سے آیا ہوں ورنہ میں اسلام آباد کا رہنے والا ہوں۔ ‘‘
’’گلگت بھی سیر کے لئے گئے تھے؟‘‘
’’ وہاں ملازمت کے سلسلے میں گیا تھا۔ ‘‘
’’آپ کونسے محکمے میں ہیں ؟‘‘
’’ ذرا غیر معروف سا محکمہ ہے، واٹر ریسورسز ریسرچ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد۔ ‘‘
’’میں نے یہ نام پہلی بار سنا ہے۔ ‘‘ میں نے اعتراف کیا۔ ’’ آپ کا محکمہ کیا کرتا ہے؟‘‘
’’ہم پاکستان کے آبی ذخائر پر ریسرچ کرتے ہیں۔ آجکل ایک خاص سروے کر رہے ہیں جس میں ہم یہ اندازہ لگانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں کتنی گلیشیئریائی جھیلیں (Glacier Lakes) ہیں ا ور اِن میں سے کتنی ایسی ہیں جو خطرے کا باعث(Potentially Dangerous )ہو سکتی ہیں۔ ‘‘
’’ گلیشیئر لیک کوئی خاص قسم کی جھیل ہے؟‘‘
’’بالکل … کچھ تو مستقل جھیلیں ہوتی ہیں جیسے نلتر جھیل، کچورا جھیل یا پھر جھیل سیف الملوک۔۔ ۔ ۔ ۔ ـــ ’’جبکہ کچھ جھیلیں گلیشیئر کے پگھلنے کی وجہ سے گلیشیئر کے درمیان میں بنتی ہیں اور جب پورا گلیشیئر پگھل جاتا ہے، یعنی جھیل کی دیواریں ختم ہو جاتی ہیں تو پانی بہہ نکلتا ہے اور ارد گرد کے علاقوں کو خاصا نقصان پہنچتا ہے۔ ‘‘
’’اس کا مطلب ہے آپ اس وقت ڈیوٹی پر ہیں ؟‘‘
’’کسی حد تک۔۔ ۔ ۔ ۔ ورنہ کوہ پیمائی میرا ذاتی شوق ہے۔ ‘‘
’’اگر کسی شخص کو اس کے شوق کے مطابق ہی جاب مل جائے تو اسے اللہ تعالیٰ کی خاص کرم نوازی سمجھنا چاہئے۔ کیا یہاں بھی کوئی گلیشیئر جھیل ہے؟‘‘
’’بالکل ہے اور بہت خوبصورت منظر پیش کرتی ہے۔ اگر آپ ہائی کیمپ جائیں تو یہ جھیل دیکھ سکتے ہیں۔ ‘‘
’’ہائی کیمپ ؟‘‘ میں نے سوالیہ انداز میں پوچھا۔
’’اس جگہ کو لوئر بیس کیمپ کہتے ہیں ، سامنے والی پہاڑی کو کراس کر لیں تو ہائی کیمپ آ جاتا ہے۔ ‘‘ اس نے ایک پہاڑی کی طرف اشارہ کیا۔
’’بس۔۔ ۔ بس۔۔ ۔ ۔ ‘‘ میں نے گھبرا کر کہا۔ ’’پہاڑی کراس کرنے کا نام نہ لیں ورنہ میں بیہوش بھی ہو سکتا ہوں۔ ‘‘
عثمان ہنسنے لگا۔
’’اقبال صاحب۔۔ ۔ میرا تو آپ نے پورا انٹرویو لے ڈالا اور اپنا صرف نام بتایا ہے اور وہ بھی ادھورا۔۔ ۔ کیا یہ زیادتی نہیں؟‘‘
’’سوری۔۔ ۔ ‘‘ میں نے شرمندگی سے کہا اور اپنا تعارف کروایا۔
’’ڈاکٹر صاحب آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی اور حیرانی بھی، میرا خیال تھا کہ ڈاکٹروں کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ ٹریکنگ جیسے مشاغل اپنائیں۔ ‘‘
’’میں نہ تو بہت مصروف ڈاکٹر ہوں اور نہ ہی باقاعدہ ٹریکر۔۔ ۔ ۔ اور ہمارے اس سفر کو آؤٹنگ تو کہا جا سکتا ہے، ٹریکنگ کہنا بے ایمانی ہو گی۔۔ ۔ ۔ ۔ خیر آپ یہ بتائیں کہ کیا آس پاس کوئی اور گلیشیئر لیک نہیں ہے جسے ذرا آسانی سے دیکھا جا سکے ؟‘‘
’’اتفاق ہے کہ یہاں اور کوئی ایسی جھیل نہیں ہے ورنہ شمالی علاقہ جات میں پانچ ہزار دو سو اٹھارہ گلیشیئر جھیلیں پائی جاتی ہیں۔ ‘‘
’’پانچ ہزار؟۔۔ ۔ واقعی۔۔ ۔ ۔ آپ پانچ سو تو نہیں کہنا چاہتے؟‘‘
’’پانچ۔۔ ۔ ہزار جناب۔۔ لیکن اچھی بات یہ ہے کہ صرف تریپن ایسی ہیں جنہیں آبادی کے لئے خطرناک کہا جا سکتا ہے۔ ‘‘۔
’’اور اِس جھیل کا راستہ خطرناک ہے۔ ‘‘ میں نے حسرت سے کہا۔ ’’کاش یہ نامعقول پہاڑی راہ میں حائل نہ ہوتی۔ ‘‘
’’خطرناک؟نہیں نہیں ، دُشوار تو کہہ سکتے ہیں لیکن خطرناک نہیں ہے۔ ‘‘
’’آپ وہاں ہو آئے ہیں ؟‘‘
’’میں آج وہیں سے واپس آیا ہوں۔ ‘‘
’’آپ وہاں کتنی دیر میں پہنچے اور۔۔ ۔ اور آپ نے وہاں کیا دیکھا؟‘‘
’’میں چھ گھنٹے میں وہاں پہنچ گیا تھا، پھر میں نے پنگا لے لیا۔ ‘‘
’’کیسا پنگا؟‘‘
’’میں نے سوچا جس راستے سے آیا ہوں اُسی سے واپس جانے کی بجائے کیوں نہ گلیشیئر عبور کر کے پہاڑی کے دوسری جانب سے نیچے اتروں۔ ‘‘
’’پھر؟‘‘
’’پھر یہ کہ میں چلتے چلتے بے دم ہو گیا مگر سفر ختم نہیں ہو رہا تھا۔ بالآخر مجھے یقین ہو گیا کہ میں راستے سے بھٹک گیا ہوں۔ مجھے ٹینشن ہونے لگی اور اسی ٹینشن میں ایک جگہ میں پھسل گیا۔ ‘‘
’’پھسل گئے ؟‘‘ میں نے خوفزدہ انداز میں دوہرایا۔ میں اِن راستوں پر پھسلنے کے نتائج سے کسی حد تک آگاہ تھا۔
’’ہا ں اور نیچے انتہائی گہری کھائی تھی۔ میں تقریباً تیس چالیس میٹر نیچے سلائڈ کر چکا تھا کہ میری سٹک ایک پتھر میں اٹک گئی اور خدا کا شکر ہے کہ میں سنبھل گیا۔ پھسلنے کے بعد ذرا عقل آ گئی تھی اس لئے قطب نما کا سہارا لیا اور شکر ہے راستہ ملتا گیا … واپسی کے سفر میں مجھے گیارہ گھنٹے لگے۔ اب میں آرام کر رہا ہوں پرسوں انشاء اللہ جولی پور پاس تک جاؤں گا۔ ‘‘
’’یہ جولی پور پاس کیا چیز ہے؟‘‘
’’ وہ جولی پور پیک ہے۔ ‘‘ اس نے ایک چوٹی کی طرف اشارہ کیا۔ ’’اور اس کے آس پاس ہی کہیں جولی پور پاس ہے۔ ‘‘
’’ وہ نانگا پربت نہیں ہے ؟‘‘ اس نے جس چوٹی کی طرف اشارہ کیا میں تو اسے نانگا پربت کا ہی حصہ سمجھ رہا تھا۔
’’ نانگا پربت عام طور پر اس چوٹی کو کہتے ہیں جو سب سے بلند ہے۔ ‘‘ اس نے اشارے سے بتایا۔ ’’ ہمارے اردگرد جو چوٹیاں ہیں ان کے الگ الگ نام ہیں۔ ‘‘
’’مثلاً؟‘‘
’’مثلاً ہمارے بالکل سامنے جو چوٹی ہے وہ بلدر پیک ہے۔ یہ شمال مغرب میں ہے (ہم اس وقت ہوٹل کے دروازے کی جانب پشت کئے ہوئے بیٹھے تھے) اور یہ چھ ہزار میٹر بلند ہے اس کے دائیں جانب شمال مشرق میں چونگرہ پیک ہے یہ چھ ہزار چھ سو میٹر بلند ہے، اُس کے دائیں جانب یعنی مشرق میں رائے کوٹ پیک ہے جو سات ہزار ستّر میٹر بلند ہے۔ پھر سمٹ پیک یا مین پیک ہے یہی نانگا پربت کہلاتی ہے اور اس کے جنوب میں گنالو پیک اور پھر جولی پور پیک ہے۔ ‘‘
’’جسے آپ سَر کرنا چاہتے ہیں۔ وہ کتنی اونچی ہے ؟‘‘
’’میں جولی پور پیک نہیں بلکہ جولی پور پاس تک جانا چاہتا ہوں۔ ‘‘
عثمان ذرا ٹیکنیکل آدمی تھا اس لئے اس کے پاس ٹیکنیکل معلومات تھیں۔ اس نے بتایا کہ اس کے پاس کوہ پیمائی کا جو سامان ہے وہ اس نے ایک پاکستانی کوہ پیما حاصل شاہ سے تیس ہزار روپے کے عوض خریدا تھا۔ اُس نے فخریہ بتایا کہ اُس کا رُک سیک سونیا پیک کی چوٹی تک ہو آیا ہے اور وہ اِسے مزید بُلندیوں تک لے جانے کے لئے پُر عزم تھا۔ حاصل شاہ خاصا معروف کوہ پیما ہے جس نے حال ہی میں چھ ہزار فٹ بلند سونیا پیک سَر کی ہے اور یہ سارا سامان اسی مہم میں استعمال ہوا تھا۔ عثمان ڈار کے جوش کو دیکھتے ہوئے بعید نہیں لگتا تھا کہ وہ مستقبل کا نذیر صابر یا اشرف امان ہو۔
میرے ذہن میں گلیشیئر جھیل اور ہائی کیمپ اٹک گئے تھے۔ میں پہاڑی کی چڑھائی سے تو واقعی خوفزدہ تھا، لیکن اصل مسئلہ یہ تھا کہ ہم ہائی کیمپ کا پروگرام بنا کر نہیں آئے تھے اور جیپ والے کو جمعرات کا وقت دے چکے تھے۔ ہائی کیمپ جانے کے لئے کم از کم دو دن کا وقت درکار تھا۔
اگر مجھے یہاں آنے سے پہلے ہائی کیمپ اور گلیشیئر جھیل کے بارے مکمل معلومات حاصل ہوتیں تو شاید ہم ہائی کیمپ کا پروگرام بنا کر آتے اور کسی نہ کسی ’’ریاض‘‘ کی حوصلہ افزائی ہمیں وہاں پہنچا ہی دیتی۔
٭٭٭
{وفا کی یادگاروں تک چلیں گے}
’’ا پ کے ساتھی تو ابھی نہیں آئے آپ اتنی دیر میں ڈریکسل مو نو منٹ اور ہرمن بوہل کے اعزاز میں لگائی گئی تختی دیکھ لیں۔ ‘‘ عثمان نے کہا۔
’’وہ کہاں ہے۔ ‘‘
’’وہ سامنے۔ ‘‘ اس نے ایک چھوٹی سی پہاڑی کی جانب اشارہ کیا۔
’’ٹھیک ہے ! ان کی بھی زیارت کر ہی لی جائے۔ ‘‘ میں نے اٹھتے ہوئے کہا اور بیال کیمپ سے آنے والے راستے پر نظریں دوڑائیں لیکن طاہر اور عمر کی آمد کے آثار نظر نہ آئے، اس لئے میں نے ڈریکسل مونومنٹ کی طرف سفر شروع کر دیا۔
چند سو میٹر کا یہ ننھا منا سفر اپنی الگ حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اسے طے کرتے ہوئے مجھے بار بار گمان ہوتا تھا کہ ابھی کسی جانب سے کوئی عشق گزیدہ بلبل نمودار ہو گا اور مجھ سے درد بھری التجا کرے گا کہ میں پھولوں سے ذرا پرے پرے رہوں۔ یہ گمان گورنمنٹ کالج آف سائنس ملتان کے پروفیسر محترم شفقت حسین صاحب کے دستِ شفقت کا نتیجہ تھا جو ہمیں اردو پڑھاتے تھے، اور با کمال پڑھاتے تھے۔ اُنہوں نے میر تقی میر کے ایک شعر کی تشریح میں کئی پیریڈ صرف کئے اور گل و بلبل کے تعلق کے نہ جانے کتنے افسانے ذہن نشین کرا دیئے۔
گلشن میں آگ لگ رہی تھی رنگِ گل سے میر
بلبل پکاری دیکھ کے صاحب پرے پرے
کاش آج شفقت صاحب یہاں ہوتے تو محسوس کرتے کہ اس شعر کی تشریح کے لئے کئی گھنٹوں کی نہیں چند لمحوں کی ضرورت ہے بشرطیکہ آپ نانگا پربت کے چرنوں میں کھڑے ہوں۔
دیو قامت نانگا پربت منظر پر چھایا ہوا تھا لیکن بادلوں کی اوٹ میں تھا اور درشن نہیں دے رہا تھا۔ اگر نانگا پربت اپنے تمام تر جلووں کے ساتھ اس آتشِ گل کے بھڑکتے ہوئے شعلوں کے سر پر سایہ فگن ہوتا تو کیا ہوشرُبا منظر ہوتا؟
افسوس میں اس منظر سے محروم رہا۔
پھولوں سے مہکتے داماں ہیں
درویش کی جھولی خالی ہے
گِنے چُنے قدموں کی اِس چھوٹی سی واک نے مجھے ایک انوکھی مسرت سے روشناس کرایا جسے میں کوشش کے باوجود لفظوں میں نہ ڈھال سکا۔
نانگا پربت کے بارے میں جان کیلی اپنی کتاب گلگت گیم میں لکھتا ہے:
’’خوبصورت، نانگا پربت کے لئے مناسب اسم صفت نہیں ہے۔ یہ نہ تو راکاپوشی اور میٹرہارن کی طرح دلکش ہے اور نہ ہی کنچن چنگا اور فیوجی ہاما کی طرح پرشکوہ، یہ تو ایک ناتراشیدہ پتھر ہے جو اپنے عظیم ُالجثّہ وجود سے متاثر کرتا ہے۔ ‘‘
نانگا پربت ایک نا تراشیدہ پتھر ہی سہی جو خوبصورتی کی مروّجہ تعریف پر پورا نہیں اُترتا، لیکن قدرت نے اس نا تراشیدہ پتھر کو انتہائی خوبصورت انگوٹھی میں جڑ کرجو پینوراما تخلیق کیا ہے وہ لاجواب ہے۔ میں اِس پینوراما سے گزر کر ہرمن بوہل کے کارنامے کی یادگار تک پہنچا۔ ایک چھوٹی سی مصنوعی پہاڑی پر، بہت ہی چھوٹی سی سبز رنگ کی پلیٹ پر لکھا تھا :
’’ ہرمن بوہل نے ۳جولائی۱۹۵۳ء کو یہ چوٹی سر کی اور وہ اس چوٹی پر قدم رکھنے والا پہلا انسان تھا۔ ‘‘
پلیٹ پر لکھے ہوئے حروف دھندلا چکے تھے۔ چند لمحے ساکت کھڑا رہ کر میں نے بوہل کو خراجِ عقیدت پیش کِیا۔
ڈریکسل مونومنٹ (Drexel Monument) ۳۹۷۰ میٹر کی بلندی پر ایک چھوٹی سی مصنوعی پہاڑی پر اُن کوہ پیماؤں کے اعزاز میں بنائی گئی یادگار ہے جو ۱۹۳۴ء کی ولی مرکل کی مہم کے دوران نانگا پربت کی ہلاکت خیزی کا شکار ہوئے۔ یہ دس افراد تھے جن میں چار جرمن کوہ پیما اور چھ نیپالی شرپا تھے۔ الفریڈ ڈریکسل(Alfred Drexel) کیمپ ون پر ہی بلندی کی بیماری کا شکار ہو گیا، اُس کے پھیپھڑوں میں پانی بھر گیا تھا۔ وہ اس بیماری سے جانبر نہ ہو سکا اور آٹھ جون کو داغِ مفارقت دے گیا۔
ڈریکسل کے سوگ میں ٹیم بیس کیمپ پر واپس آ گئی۔ سترہ دن کے بعد دوبارہ کوشش کی گئی۔ ولی مرکل نے رائے کوٹ پیک کی جانب سے کوشش کی اور سلور سیڈل تک پہنچ کر کیمپ سیون قائم کیا۔ اس مقام پر دو جرمن کوہ پیما اور تین شرپا بقیہ ٹیم سے الگ ہو گئے اور آگے کی جانب بڑھتے رہے۔ ولی مرکل مطمئن تھا اور اُسے اپنے سامنے کوئی دشواری نظر نہیں آ رہی تھی۔ اس کا خیال تھا کہ وہ ایک دو دن میں آسانی سے چوٹی تک پہنچ جائیں گے، لیکن نانگا پربت مزاحمت کا فیصلہ کر چکا تھا اور اسی رات شدید برفانی طوفان نے انہیں گھیر لیا۔ ایڈوانس پارٹی بھی واپس آ گئی۔ طوفان کی شدت میں کمی کے آثار نظر نہ آئے تو ٹیم نے واپسی کا فیصلہ کیا اور وہ پانچ رکنی گروپ جو آگے گیا تھا اس مرتبہ بھی راستہ بنانے کے لئے ٹیم سے آگے رہا۔ بد قسمتی سے ان میں سے ایک شرپا توازن کھو بیٹھا اور ہزاروں میٹر کی گہرائی کی نذر ہو گیا، اُس کے پاس سلیپنگ بیگز تھے جو اس کے ساتھ ہی داغِ مفارقت دے گئے۔ سلیپنگ بیگز موجودہ حالات میں اُن کے لئے موت اور زندگی کا مسئلہ تھے اور ایکسٹرا سلیپنگ بیگز کیمپ فائیو سے ہی مل سکتے تھے، اس لئے دونوں کوہ پیماؤں آسکن برگر (Aschenberger)اور سکنیڈر(Schneider) نے خود کو کوہ پیمائی کی رسیوں سے آزاد کیا اور ہر ممکن تیزی سے کیمپ فائیو کی جانب بڑھتے گئے۔ وہ اندھیرا پھیلنے تک کیمپ میں پہنچ گئے۔ بقیہ ارکان راستے میں ہی تھے کہ اندھیرا پھیل گیا اور انہیں کھلے آسمان تلے رات گزارنی پڑی۔ طوفان کی شدّت کم ہونے کے بجائے بڑھ گئی اور نو جولائی کی اس رات ایک شرپا اور ایک جرمن کوہ پیما اولی ویلینڈ (Uli Wieland) موسم کی تباہ کاری کا شکار ہو گئے۔ پھر وقفے وقفے سے بقیہ ارکان ہلاک ہوتے رہے، سترہ جولائی تک نانگا پربت نے نو قیمتی انسانی جانوں کی بھینٹ لی جن میں اس دور کے نامور کوہ پیما ویلو ویلزن بیچ (Willo Welzenbach) اور ولی مرکل (Willi Merkl) شامل تھے۔
اس جگہ ۱۹۳۷ء کی مہم کے ارکان کے نام بھی لکھے ہیں۔ یہ جرمن ٹیم کارل وینا (Karl Vienna)کی قیادت میں آئی تھی اور نہایت کامیابی سے کیمپ فور قائم کر چکی تھی کہ پندرہ جون کی رات ان کے لئے قیامت کی رات بن گئی۔ ایک دیو قامت ایوا لانچے نے کیمپ فور کا نام و نشان تک مٹا دیا جس میں سات نامور جرمن کوہ پیما اور نو نیپالی شرپا نیند کی دیوی کی آغوش میں تھے۔ ان دو تباہ کن حادثات کے بعد نانگا پربت کو ’’جرمنوں کا مقتل‘‘ بھی کہا جانے لگا۔ ایک صلیب نما تختی پر ان سب لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا تھا۔ چند لمحوں کے سکوت کے بعد میں واپس ہو لیا۔
حیرانی کی بات یہ تھی کہ طاہر اور عمر ابھی تک نہیں پہنچے تھے جبکہ مجھے یہاں آئے ہوئے تقریباً دو گھنٹے ہونے والے تھے۔ ہوٹل سے کچھ دور ایک مقامی گائیڈ چند غیرملکیوں کے ساتھ موجود تھا۔ میں اِسکی طرف بڑھ گیا اور اپنے ساتھیوں کے بارے میں پوچھا۔ اس نے بتایا کہ میرے بتائے گئے حلیے کے ٹریکرز بس پہنچنے ہی والے ہوں گے۔ یہ گائیڈ پینٹ شرٹ میں ملبوس تھا اور اپنے اندازو اطوار سے خاصا تعلیم یافتہ لگتا تھا جو اس علاقہ کے لئے ایک غیر معمولی بات تھی۔ ابھی وہ مجھے جواب دے ہی رہا تھا کہ غیر ملکی باشندے نے جوا پنے خد و خال سے جاپانی یا کورین لگتا تھا، اُسے شانے سے پکڑ کر جھنجھوڑا اور کہنے لگا:
’’تم مجھے بوہل کے بارے میں بتا رہے تھے۔۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ اوہ یس …۔ ‘‘ گائیڈ اس کی جانب متوجہ ہو گیا۔
میں واپس جانے کے لئے مُڑ چکا تھا لیکن گائیڈ کے الفاظ نے میرے قدم روک لئے۔ وہ نانگا پربت کی پہلی مرتبہ تسخیر کی کہانی سنا رہا تھا۔ گائیڈ کی خوبصورت انگلش نے میرے قدم روکے تھے تو اُس کے منفرد انداز بیان اور کہانی کی دلچسپی نے اُنہیں جکڑ لیا۔ میں نے یہ کہانی پوری سنی اور میری معلومات میں خاطرخواہ اضافہ ہوا۔ گائیڈ بتا رہا تھا:
’’نانگا پربت کو جرمن پہاڑ بھی کہتے ہیں جیسا کہ کے۔ ٹو کو امریکی اور ماؤنٹ ایورسٹ کو برطانوی پہاڑ کہا جاتا رہا ہے۔ تیس کی دہائی میں آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیوں کو سر کرنے کی دوڑ شروع ہوئی تو کے۔ ٹوپر زیادہ تر امریکی اور اطالوی، ماؤنٹ ایورسٹ پر برطانوی اور نانگا پربت پر جرمن کوہ پیماؤں نے طبع آزمائی کی۔ ۱۹۵۳ء میں ہرلی کوفرجرمن کوہ پیماؤں کی ایک ٹیم کے ساتھ یہاں پہنچا۔ اِس ٹیم میں کامپٹر(Kampter)، آسکن برینر) (Aschenbrenner، فرانبرگر (Fraenberger)، کونو رینر (Kuno Rainer)، اورہرمن بوہل(Hermann Buhl) شامل تھے۔ اس مہم کو ولی مرکل ایکسپیڈیشن کا نام دیا گیا۔ مئی کے آخر میں یہ لوگ یہاں پہنچے اور غالباً اِسی جگہ خیمہ زن ہوئے جہاں ہم کھڑے ہیں۔ نانگا پربت قاتل پہاڑ کے نام سے مشہور چکا تھا کیونکہ اُس وقت تک یہ اکتیس قیمتی انسانی جانوں کی بھینٹ لے چکا تھا۔ مئی کے آخر میں ان لوگوں نے اپنی مہم کا آغاز کیا اور تقریباً چھ ہزار میٹر کی بلندی پر کیمپ فور قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ آخری مرحلہ شروع ہونے والا تھا کہ نانگا پربت نے اپنے دفاع کا فیصلہ کر لیا۔ شدید برف باری، طوفانی ہواؤں اور مسلسل ایوالانچوں نے کوہ پیماؤں کو بے بس کر دیا۔ یہ وہی حالات تھے جنہوں نے وِلی مرکل اور اُس کے ساتھیوں کی جان لی تھی۔ آخر کار۳۰جون کو ہرلی کوفر نے ٹیم کو واپس آنے کا حکم دیا، لیکن ہرمن بوہل، کامپٹر اور فران نے یہ فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا اور ایک کیمرہ مین ہانس ارٹل (Hans Ertl) کے ساتھ کیمپ فور میں ہی ڈٹے رہے۔ یکم جولائی کو موسم کچھ بہتر ہوا تو انہوں نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا اور شدید جدوجہد کے بعد مزید نو سو میٹر کا فاصلہ طے کر کے کیمپ فائیو قائم کر لیا۔ موسم نے ایک مرتبہ پھر تیور بدلے تو فران برگر اور ارٹل بھی دل چھوڑ بیٹھے اور واپس بیس کیمپ چلے گئے۔ بوہل نے البتہ عزم مصمم کر لیا کہ وہ نانگا پربت کا غرور توڑنے کی کوشش ضرور کرے گا اور کم ازکم اتنی بلندی تک جائے گا جہاں ابھی تک انسانی قدم نہ پہنچے ہوں ، اس طرح شاید ٹیم کی کچھ عزت رہ جاتی۔ تین جولائی کو آدھی رات گزرتے ہی، خراب موسم کے باوجود بوہل نے سفر کا آغاز کر دیا۔ کامپیٹر کچھ دیر تذبذب میں رہا لیکن بعد میں وہ بھی روانہ ہو گیا۔ پانچ بجے سورج نکلا تو بوہل سلور سیڈل تک پہنچ چکا تھا۔ ‘‘
گائیڈ نے ہاتھ کے اشارے سے سلور سیڈل کی نشاندہی کی۔ نانگا پربت کا یہ حصہ واقعی چاندنی سے بنی ہوئی گھوڑے کی زین سے مشابہ ہے۔
’’یہاں پہنچ کر بوہل کو اپنی توانائیاں زائل ہوتی ہوئی محسوس ہوئیں اور قدم اُٹھانا دشوار ہو گیا۔ اُس نے سوچا کہ اگر وہ اپنے ڈے پیک اور کوہ پیمائی کے سامان کے بوجھ سے چھٹکارا حاصل کر لے تو شاید کچھ اور فاصلہ طے کر لے۔ اُس نے ایسا ہی کیا۔ یہ انتہائی دلیرانہ لیکن احمقانہ قدم ’’تخت یا تختہ ‘‘ کے مصداق تھا کیونکہ صرف پانی کی بوتل، دافعِ نیند گولیوں اور تن پر موجود کپڑوں کے ساتھ کِلرماؤنٹین کے ڈیتھ زون میں قدم رکھنا بظاہر صریحاً خودکشی کے مترادف تھا۔ دوپہر دو بجے وہ چوٹی سے نیچے والے شگاف تک پہنچ چکا تھا، یہ سات ہزار آٹھ سو میٹر کی بلندی تھی اور یہاں انسانی قدم پہلی مرتبہ پہنچے تھے۔ ‘‘ گائیڈ نے اس جگہ کی بھی نشاندہی کرنے کی کوشش کی۔
’’کا مپٹر نے بوہل کے ساتھ دینے کی کوشش تو کی، لیکن جب وہ خود سلور سیڈل تک پہنچا تو بوہل کافی آگے جا چکا تھا۔ کامپٹر نے موسم کے تیور دیکھے تو وہ دل چھوڑ بیٹھا اور کیمپ فائیو میں واپس آ گیا۔ بوہل اب ایک ایسے مقام پر کھڑا تھا جس سے آگے تقریباً نوے درجے کا زاویہ بناتی ہوئی چڑھائی تھی، یہ آخری تین سو میٹر تکنیکی طور پر انتہائی دشوار گزار حصہ تھے۔ بوہل پہلے ہی زندگی داؤ پر لگا چکا تھا، اس نے دافع نیند گولیوں کی ڈبل خوراک لی اور سفر جاری رکھا۔ چار گھنٹے کی جان لیوا جدّو جہد کے بعد شام چھ بجے جب وہ چوٹی سے صرف سو میٹر دور رہ گیا تھا تو اس کے جسم نے اس کا ساتھ دینے سے انکار کر دیا اور وہ گر پڑا۔ ‘‘
گائیڈ یہاں پہنچ کر خاموش ہو گیا۔ شاید وہ کچھ سسپنس پیدا کرنا چاہتا تھا جس میں وہ بڑی حد تک کامیاب رہا۔
’’ پھر کیا ہوا ؟‘‘ کورین ٹریکر نے بے تابی سے پوچھا۔
’’آگے کی روداد میں آپ کے ہرمن بوہل کے الفاظ میں سناؤں گا۔ ‘‘ اُس نے اپنے شولڈر بیگ سے ایک بوسیدہ سی کتاب نکال کر اُس کی ورق گردانی کرتے ہوئے کہا۔ ’’اپنی کتاب Nanga Parbat Pilgrimage میں وہ لکھتا ہے:‘‘
’’۔۔ ۔ ۔ اور پھر میں بے دم ہو کر گر پڑا۔ مجھے علم نہیں تھا کہ اب سمٹ کتنی دور ہے۔ میرے حواس میرا ساتھ چھوڑ چکے تھے اور مجھے محسوس ہو رہا تھا کہ اب میرے لئے جنبش کرنا بھی ممکن نہیں … کچھ دیر میں بے حسّ و حرکت پڑا رہا۔۔ ۔ ۔ ۔ پھر ایک انجانی قوت مجھ میں عود کر آئی۔۔ ۔ ۔ میں نے اپنی سٹک بھی پھینک دی اور چوپایوں کی طرح آہستہ آہستہ آگے رینگتا رہا۔ میں نے سوچ لیا تھا کہ سَمِٹ یا موت!۔۔ ۔ ۔ ۔ واپسی اب کبھی نہیں ہو گی یا کامیاب ہو کر ہی ہو گی۔ اور جب میں نڈھال ہو کر گرنے کو تھا تو اچانک انکشاف ہوا کہ چڑھائی تو ختم ہو گئی ہے … آگے صرف ڈھلوان تھی۔۔ ۔ اور۔۔ ۔ اور یہی تو سَمِٹ تھی۔ مجھے اعتراف ہے کہ اس وقت تک میں ہوش و حواس گم کر چکا تھا اور مجھے اس لمحے کی اہمیت کا نہ تو احساس تھا اور نہ ہی میں اپنی کامیابی پر مسرور ہونے کے قابل تھا۔ ‘‘
اُس نے کتاب بند کی تو میں نے اُس سے وہ کتاب لے لی۔ یہ واقعی بوہل کی کتاب کا انگلش ترجمہ تھا۔
’’سات بجے نانگا پربت ہرمین بوہل کے قدموں تلے تھا اور نانگا پربت کا طلسم ٹوٹ چکا تھا۔ اب وہ ایک مفتوح پہاڑ تھا‘‘۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ گائیڈ کے اندازِ بیان نے ایک سحر طاری کر دیا تھا۔ چند ثانیوں کے لئے ہم کچھ بول ہی نہ سکے۔ جب ہم اس کے سحر سے آزاد ہوئے اور کچھ کہنا چاہا تو اُس نے نیا شگوفہ چھوڑ دیا۔
’’داستان ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ ‘‘
’’اب کیا رہ گیا ہے۔ ‘‘ ایک بچہ چونک بولا۔
’’ موجودہ دور کے مشہور ترین کوہ پیما ایڈوِ سچر (Ed Viesture)کا قول ہے کہ پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنا تو پچاس فیصد کامیابی ہے … واپس بیس کیمپ تک آنا کامیابی کو مکمل کرتا ہے۔ ‘‘ وہ دوبارہ شروع ہو گیا۔ ’’کئی کوہ پیما ایسے ہیں جنہوں نے کسی چوٹی کو سر کرنے کا اعزاز تو حاصل کر لیا لیکن وہ بیس کیمپ پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ کامیابی کا جشن نہ منا سکے۔ ‘‘
’’تو کیا بوہل واپس کیمپ تک نہ آ سکا؟ ‘‘
’’بوہل ابھی چوٹی پر ہی تھا کہ رات ہو گئی اور رات میں واپسی کا سفر ممکن نہیں تھا اور اس کے پاس پانی کی بوتل کے سوا کچھ نہ تھا جس میں چند گھونٹ پانی رہ گیا تھا … کیا آپ کے خیال میں خیمے، سلیپنگ بیگ اور گرم کپڑوں کے بغیر، آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر رات گزارنا آسان تھا جبکہ وہاں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے چالیس درجے سینٹی گریڈ نیچے تھا اور ہوا کی رفتار سو کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی؟‘‘
کوئی کچھ نہ بولا۔
’’بوہل نے بقیہ پانی حلق میں انڈیلا، پاکستانی اور ٹائرولین جھنڈے اپنے آئس ایکس میں پرو کر چوٹی پر لہرائے اور نڈھال ہو کر ایک برفانی تودے سے ٹیک لگا لی۔ بوہل نے یہ رات ڈیتھ زون میں کھلے آسمان تلے گزاری۔ ‘‘
’’منفی چالیس درجے سینٹی گریڈ؟‘‘ میں نے قدرے خوفزدہ اور متحیرانہ انداز میں دوہرایا۔ ’’ وہاڑی میں کبھی درجہ حرارت منفی ایک بھی ہو جائے تو لحاف کے اندر ہماری قُلفی جمنے لگتی ہے۔۔ ۔ ۔ ۔ اور۔۔ ۔ ۔ اور۔۔ ۔ ۔ اتنی بلندی پر تو آکسیجن بھی نہیں ہوتی۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ کیا یہ سب کچھ سچ ہے؟‘‘
کورین ٹیم نے اس بے جا مداخلت پر ناگوار انداز میں میری جانب دیکھا اور گائیڈ نے بھی کوئی جواب دینے کی زحمت نہ کی۔
’’وہ رات نو بجے سے صبح سات بجے تک ایک برفانی تودے سے ٹیک لگائے ایک ایسے چٹانی کنارے پر کھڑا رہا جو بمشکل اس کے دونوں قدموں کے برابر چوڑا تھا۔ ایک ہاتھ سے اس نے چٹان کے باہر نکلے ہوئے پتھر کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی کوشش کی اور دوسرے ہاتھ سے سٹک کا سہارا لیا جس کا دوسرا سرا برف میں دھنسا ہوا تھا۔ صبح ہو ئی تو حواس اس کا ساتھ چھوڑ چکے تھے اور ذہن ماؤف ہو رہا تھا۔ ہاتھوں اور پیروں کی کئی انگلیاں گل چکی تھیں۔ وہ اپنی زندگی سے مایوس ہو چکا تھا لیکن جان بچانے کی فطری جبلّت کی وجہ سے وہ آہستہ آہستہ کھسکتا ہوا اصل راستے پر آیا اور چوپایوں کی طرح نیچے کی طرف رینگتا رہا۔ بالآخر وہ وہاں پہنچ گیا جہاں اس نے ڈے پیک اُتار پھینکا تھا۔ ڈے پیک اسے مل گیا جس میں اس کے کپڑے اور کچھ خوراک موجود تھی لیکن اس میں اتنی سکت ہی نہیں تھی کہ وہ کچھ کھا سکتا یا مزید کپڑے اپنے جسم پر چڑھا سکتا۔ وہ نیم بے ہوشی کے عالم میں رینگتا رہا اور شام پانچ بجے سلور سیڈل تک پہنچ گیا۔ یہاں اُس کے حواس مکمّل طور پر ساتھ چھوڑ گئے اور وہ نڈھال ہو کر گِر پڑا۔
دوسری جانب بوہل کے ساتھی اس کی تلاش شروع کر چکے تھے۔ فران برگر اور ارٹل دوبارہ کیمپ فائیو تکا چکے تھے۔ انہوں نے کیمپ فائیو میں ولی مرکل کے اعزاز میں ایک یادگاری کتبہ اس جگہ نصب کیا جہاں سے ۱۹۳۸ء میں اس کی لاش منجمد حالت میں ملی تھی، اس جگہ کو ولی مرکل ناچ(Willy Merkl Notch)کہا جانے لگا تھا۔ فران کتبہ نصب کرنے کے بعد واپس مڑا تو اس کی نظر سلور سیڈل پر پڑی اور وہ ٹھٹک گیا۔ ایک ثانیہ کے لئے اسے اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا، سلور سیڈل پر ایک سیاہ نقطہ متحرک نظر آ رہا تھا۔ وہ چند لمحے ششدر کھڑا اسے دیکھتا رہا اور جب اسے نقطہ کے متحرک ہونے کا یقین ہو گیا تو بے ساختہ اس کے لبوں سے مسرت آمیز چیخ بلند ہوئی، بوہل! … وہ یقینا بوہل ہے۔ کیمرہ مین نے بھی ادھر دیکھا۔ ان کے دل خوشی سے ناچ اٹھے۔۔ ۔ ۔ بوہل زندہ تھا۔۔ ۔ ۔ اور ہو سکتا تھا وہ فاتح بھی ہو۔۔ ۔ ۔ بے یقینی کی کیفیت سے باہر آنے میں انہیں کافی دیر لگی۔۔ ۔ نانگا پربت کے ڈیتھ زون میں ایک نہتے انسان کا رات گزار کر زندہ سلامت واپس آ جانا ناقابل یقین تھا، لیکن بوہل یہ کارنامہ سر انجام دے چکا تھا۔ وہ بوہل تک گئے اور اسے کیمپ فائیو میں لے آئے۔ بوہل پوری طرح ہوش میں آیا تو اُنھیں علم ہُوا کہ کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک نئے اور منفرد باب کا اضافہ ہو چکا ہے۔ اس موقع پر ارٹل نے بوہل کی جو تصویر بنائی تھی وہی ساری دنیا میں پھیلی اور ارٹل کے بقول یہ تصویر اس بات کی گواہ تھی کہ نانگا پربت کے ڈیتھ زون میں گزارے ہوئے ایک دن نے ہرمن بوہل کی عمر میں دس سال کا اضافہ کر دیا تھا۔ اس غیر معمولی کامیابی کو دنیا بھر میں سراہا گیا اور جرمنی میں باقاعدہ جشن منایا گیا۔ اس وقت کے جرمنی کے صدر تھیوڈور ہیوس (Theodor Heuss) نے بوہل کو ٹیلی گرام بھیجا جس میں لکھا تھا ’’آپ کی غیر معمولی کامیابی پر بے انتہا خوشی ہوئی میں وفاقی جمہوریہ جرمنی کے نام پر آپ کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ‘‘
گائیڈ خاموش ہو گیا۔ ہم سب بھی چُپ کھڑے تھے۔ گائیڈ کے لفظوں کے سحر سے آزاد ہوئے تو ایک بچّے نے جوش اور مسرّت سے بھرپور نعرہ لگایا:
’’ہُرّا … سلیوٹ ٹو بوہل۔ ‘‘ اُس نے نانگا پربت کی جانب رخ کر کے سلیوٹ کیا۔ دوسرے دونوں بچے زور زور سے تالیاں بجا رہے تھے۔ گائیڈ نے یہ داستان انگلش میں سنائی تھی، مجھے ترجمے کا فن نہیں آتا اس لئے ہزار کوشش کے باوجود اس ترجمے میں گائیڈ کے انتخابِ الفاظ اور دل موہ لینے والے لہجے کا تاثر پیدا کرنے سے قاصر رہا۔
میں نے آگے بڑھ کر گائیڈ سے دوبارہ ہاتھ ملایا۔
’’ شاندار! … تم بہت اچھے داستان گو ہو۔ ‘‘
’’یہ کوئی داستان نہیں … حقیقی رو داد ہے۔ ‘‘ اس نے احتجاج کیا۔
’’لیکن تمہارے انداز بیاں نے اسے فکشن بنا دیا ہے۔ ‘‘
’’نہیں نہیں … اس کا ایک ایک لفظ حقیقت ہے۔ ‘‘
’’ویسے تم کیا کرتے ہو؟‘‘
’’میں سٹوڈنٹ ہوں۔ ‘‘
’’کونسی کلاس کے؟‘‘
’’ایم۔ اے۔ ‘‘
’’ویری نائس … کونسے سبجیکٹ میں اور کہاں سے؟ ‘‘
’’انگلش میں پنجاب یونیورسٹی سے۔ ‘‘
’’ اوہ … اور تم یہاں بطور گائیڈ … یہ کیا چکر ہے ؟‘‘
’’کوئی چکر نہیں … آج کل چھٹیاں ہیں ، میرا گھر چلاس میں ہے اور میں چھٹیوں میں گائیڈ کے طور پر کام کر کے کچھ پیسے کما لیتا ہوں۔ ‘‘
’’فنٹاسٹک … آپ سے مل کر واقعی بہت خوشی ہوئی اللہ کرے زور بیاں اور زیادہ … اگر آپ نے گائیڈ کا پیشہ اپنانے کا فیصلہ کیا تو یقیناً بہت کامیاب رہیں گے۔ ‘‘
’’دیکھیں جی کیا ہوتا ہے۔ ‘‘ اس نے الوداعی مصافحہ کیا اور واپسی کے لئے قدم اٹھا دئیے۔
میں نے ایک مرتبہ پھر بوہل کی یاد گاری تختی کی جانب نظر اٹھائی، بوہل کے کارنامے کی نسبت جسامت کے لحاظ سے یہ تختی بہت ہی پست، لیکن مقصد سے وفا کی یادگار کی حیثیت سے بلند ترین مرتبے پر فائز ہو چکی تھی۔ میں اب اس کیمپ کو، نانگا پربت کو، سلور سیڈل کو اور اور مرکل ناچ کو نئی دلچسپی سے دیکھ رہا تھا۔ یہ اب میرے لئے مانوس پوائنٹ ہو گئے تھے اور میں چشم تصوّر میں بوہل کو یہاں سے گزرتے دیکھ رہا تھا۔ ڈریکسل مونومنٹ کی اہمیت کا بھی احساس ہوا۔ بوہل کامیاب تو ہو گیا تھا، وہ لوگ تو مقصد سے وفا کی راہ میں فنا ہو گئے تھے۔ میں سوچ رہا تھا کہ طاہر اور عمر کو ان یادگاروں تک لے جاتے ہوئے تلقین کروں گا کہ :
جنوں کی وادیوں سے پھول چن لو
وفا کی یاد گاروں تک چلیں گے
’’اقبال صاحب غالباً آپ کے ساتھی آ گئے ہیں۔ ‘‘ عثمان ڈار کی آواز نے مجھے خیالات سے باہر کھینچ لیا۔ میں نے راستے کی جانب نظر کی تو واقعی طاہر اور عمر ہی تھے۔ طاہر کی طرف دیکھ کر میں اپنی بے ساختہ مسکراہٹ نہ روک سکا۔ طاہر نے اپنی جرسی کمر کے گرد لپیٹ رکھی تھی جس کی آستینیں زمین پر گھسٹ رہی تھیں اور وہ خاصا جھک کر ادھر ادھر ڈولتا ہوا قدم گھسیٹ رہا تھا۔ مجھے یوں لگا جیسے طاہر خود نہیں چل رہا کوئی ہے جو اِسے دھکیلے جا رہا ہے اور بے چارہ طاہر ہر دھکے پر قدم اُٹھانے کے ساتھ ساتھ لڑکھڑانے پربھی مجبور ہے۔ طاہر کی اس چال کو بشارت صاحب نے ’’لڈّی نما چال ‘‘ کا خطاب دیا ہوا ہے۔ اگر طاہر تھوڑا سا نازک اندام ہوتا تو میں اس کی چال کے اعزاز میں یہ شعر اس کی نذر کرتا:
لُڈّی پاندی جاندیئِ مٹیارے نی
جرسی ذرا سنبھال بانکیئِ نارے نی
میں نے ان کی جانب دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور زور سے ہیلو کہا … لیکن ادھر سے کوئی جواب نہیں آیا۔ چند منٹ بعد وہ دونوں ہمارے قریب آ چکے تھے۔ میں نے اور عثمان نے آگے بڑھ کر ان کا استقبال کیا … سلام دعا کے بعد طاہر کا پہلا سوال تھا۔
’’ہائی کیمپ کہاں ہے؟‘‘ اور میں اس سوال پر حیران ہوا۔ اسے ہائی کیمپ کا پتہ کہاں سے مل گیا؟
’’اُس پہاڑی کے پیچھے ہے۔ ‘‘ میرے بجائے عثمان ڈار نے جواب دیا۔
’’اور آپ اب تک یہیں ہیں ؟‘‘ اُس نے تعجب سے پوچھا۔
’’میں نے کہاں جانا تھا۔ ‘‘ میں نے اور زیادہ تعجب سے پوچھا۔
’’آپ ذرا ہائی کیمپ تک ہو آتے۔ ‘‘ طاہر نے انتہائی سادگی سے کہا۔
عثمان کے چہرے پر لمبی سے مسکراہٹ چھا گئی۔
میں سمجھ گیا کہ طاہر اپنے مخصوص انداز میں طنز کر رہا تھا۔ وہ دراصل مجھے جتا رہا تھا کہ آپ ہم سے پہلے آ گئے تو کون سے تیر مار لیا، ہائی کیمپ تک ہو آتے تو کوئی بات بھی تھی۔۔ ۔ ۔ ورنہ ہمارے ساتھ ساتھ ہی رہتے۔۔ ۔ ۔ آخر ہم بھی تو پہنچ ہی گئے ہیں۔
میں نے کوئی جواب نہ دیا اور وہ دونوں ہمارے قریب ہی بیٹھ گئے۔
’’ڈاکٹر صاحب آپ نے بوہل کی داستان خاصی دلچسپی سے سنی ہے۔ ‘‘ عثمان ڈار نے کہا۔
’’ظاہر ہے۔۔ ۔ ۔ نانگا پربت نظروں کے سامنے ہو تو اس کی تسخیر کی داستان دلچسپ کیوں نہ لگے گی؟‘‘
’’ اسی لئے میں اس میں کچھ اضافہ … … ‘‘
’’نہیں نہیں اب اور کچھ نہیں۔ ‘‘ میں نے گھبرا کر اُس کی بات کاٹی۔ ’’وہ داستان پہلے ہی بہت لمبی تھی۔ ‘‘
’’کوئی لمبی داستان نہیں ہے چند حرفی اضافہ ہے۔ ‘‘
’’اچھا سناؤ …۔ ‘‘ میں نے مرے مرے لہجہ میں کہا۔
’’ہرمن بوہل کی اس کامیابی کو کلاسیک کا درجہ حاصل ہے اور اس وقت میڈیا نے اسے ماؤنٹ ایورسٹ پرایڈ منڈ ہلیری کی کامیابی سے زیادہ اہمیت دی تھی۔۔ ۔ جس نے چھتیس دن قبل ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا۔ ‘‘
’’وہ کیوں ؟ … جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ بلند ترین پہاڑ ہے۔ ‘‘
’’کیونکہ یہ سولو اسینڈ Solo Ascend امدادی آکسیجن کے بغیر کیا گیا تھا اور یہ کوہ پیمائی کی تاریخ کا پہلا موقع تھا کہ آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹی آکسیجن باٹل کی مدد کے بغیر سر کی گئی تھی، اسے کوہ پیمائی کی دنیا میں ایور گرین، ناقابلِ فراموش اور نا قابلِ تقلید کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔ ‘‘
’’عثمان بھائی۔۔ ۔ ۔ میں کوئی باقاعدہ ٹریکر نہیں ہوں بلکہ میں تو شوقیہ ٹریکر بھی نہیں ہوں … پتہ نہیں یہاں کیسے آ گیا … مجھے کوہ پیمائی کی اصطلاحات کا کچھ پتہ نہیں … یہ سولو اسینڈ کیا بلا ہے؟ ‘‘
’’سولو کا مطلب ہے تنہا۔ ‘‘
’’اور اسینڈ کا مطلب ہے چڑھنا اتنا تو مجھے بھی پتہ ہے … لیکن بوہل تنہا نہیں تھا … وہ تو پوری ٹیم کے ساتھ آیا تھا؟‘‘
’’کوہ پیمائی میں سٹینڈرڈ طریقہ یہ ہے کہ کم از کم دو اور زیادہ ترچار کوہ پیما ٹیم کی صورت میں آگے بڑھتے ہیں جو رسیوں کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہوتے ہیں۔ آگے والا کوہ پیمائی میں استعمال ہونے والی میخیں لگا تا ہے۔ جبکہ پیچھے آنے والا اترنے کے لئے رسیاں فِکس کرنے کے علاوہ استعمال شدہ میخیں اکھاڑتا آتا ہے۔ اس طرح یہ ایک ٹیم ورک ہے اور ہرمین بوہل کیمپ فائیو سے آگے اکیلا یعنی سولو ہی گیا تھا اس کے ساتھ کوئی پارٹنر نہیں تھا جبکہ یہی مہم کا انتہائی خطرناک اور کٹھن مرحلہ تھا۔ ‘‘
’’بہت خوب !پھر تو واقعی یہ زیادہ بڑا کارنامہ ہے۔ ‘‘
’’جی! یہ ورلڈ ریکارڈ ہے۔ بوہل وہ پہلا شخص تھا جس نے آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹی پہلی مرتبہ سولو اسینڈ اور امدادی آکسیجن کے بغیر سر کی۔ ‘‘
’’بس یا اور کچھ؟‘‘
’’لگتا ہے آپ کی دلچسپی بوہل سے ختم ہو گئی ہے۔ ‘‘ عثمان ڈار نے شرمندگی سے کہا۔
’’نہیں یہ بات نہیں … کیا اس کا کوئی اور کارنامہ بھی ہے؟‘‘
’’ جی ہاں !براڈ پیک کو پہلی مرتبہ سر کرنے والا کوہ پیما بھی بوہل ہی ہے۔ براڈ پیک بھی آٹھ ہزار میٹر سے زیادہ بلند ہے۔ بوہل نے ۱۹۵۷ء میں یہ چوٹی پہلی مرتبہ سر کی، وہ نہ جانے کتنے کارنامے سر انجام دیتا لیکن پھر … لیکن پھر …۔ ‘‘ عُثمان نے جُملہ ادھورا چھوڑ دیا۔
’’پھر کیا؟‘‘
’’پھر وہ خواہ مخواہ ہی مر گیا۔ ‘‘
’’خواہ مخواہ کیا مطلب؟‘‘
’’ براڈ پیک سر کرنے کے بعد اس نے سوچا کیوں نہ جھونگے کے طور پر چھوگو لیزا سر کر لی جائے۔ چھوگو لیزا بھی پاکستان کی چوٹی ہے لیکن یہ آٹھ ہزار میٹر سے کم بلند ہے۔ بوہل بڑے ریلیکس انداز میں اسے سر کر رہا تھا … اس نے دوسرا کیمپ قائم کر لیا تھا شام کو وہ ذرا موسم کا جائزہ لینے کے لئے کیمپ سے باہر نکلا۔ ابھی چند قدم ہی چلا تھا کہ اس کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی … بلکہ یوں کہئے کہ برف نکل گئی اور وہ برف کے غار میں گر گیا۔ ‘‘
’’اور مر گیا؟‘‘ میں نے قدرے احمقانہ انداز میں پوچھا۔
’’مر ہی گیا ہو گا … ابھی تک تو دوبارہ نظر نہیں آیا۔۔ ۔ ۔ ہرمین بوہل غالباً واحد شخص ہے جس نے دو ایسی چوٹیوں پر پہلا قدم رکھا جن کی بلندی آٹھ ہزار میٹر سے زائد ہے۔ اگر قدرت اسے کچھ مہلت دیتی تو شاید اس تعداد میں اور اضافہ ہو جاتا کیونکہ اُس وقت تک کئی چوٹیاں ابھی سر نہیں ہوئی تھیں … لیکن قدرت کو منظور نہیں تھا … اور یہی اللہ تعالیٰ کی قدرت کا اظہار ہے کہ مافوق الفطرت کہلانے والا شخص معمولی سے چوٹی سے پھسل کر جان گنوا بیٹھا۔ ‘‘
’’ڈاکٹر صاحب چلیں واپس … ؟‘‘ اچانک عمر کی آواز آئی۔
’’سر کھانا وانا تو کھا لیں ناں۔ ‘‘ ریاض نے تجویز پیش کر دی۔
’’ کھانے کی قطعاً گُنجائش نہیں ہے۔ ‘‘ طاہر نے کہا۔
’’سروجاہت کھانا بوت مزے کابناتا اے۔ ‘‘
’’اس کی گواہی تو میں بھی دیتا ہوں۔ ‘‘ عثمان ڈار نے تائید کی۔ ’’میں دو تین دن سے یہاں ہوں اور وجاہت نے مجھے بہت ہی لذیذ کھانے کھلائے ہیں۔ ‘‘
لیکن ہمیں بھوک تھی ہی نہیں۔ ہم نے صرف چائے پینے کا فیصلہ کیا۔ ریاض کو ہمارے اس فیصلے سے کافی مایوسی ہوئی۔ وہ تو یہاں آتے ہوئے مجھے کھانا کھانے کے لئے قائل کر چکا تھا۔ ہم نے شغلاً کھانے کے ریٹ پوچھے تو طبیعت مزید صاف ہو گئی اور کھانا کھانے کا اگر تھوڑا بہت ارادہ بن بھی رہا تھا تو ختم ہو گیا۔ یہاں دال یا سبزی کی پلیٹ ڈیڑھ سو روپے، چکن یا مٹن ڈھائی سو روپے، ابلے ہوئے سادہ چاول ایک سو پچیس روپے اور چائے کا کپ تیس روپے کا تھا۔ منرل واٹر کی بوتل ایک سو بیس روپے کی تھی۔ ہم نے اس سیون سٹار ہوٹل میں صرف گرین ٹی پر ہی اکتفا کیا۔ مہنگائی اپنی جگہ، لیکن کیا یہ غنیمت نہیں تھا کہ چار ہزار میٹر کی بلندی پر، ایسی جگہ جہاں بندہ نہ بند ے دی ذات ہوئے، یہ ہوٹل نہ صرف موجود تھا بلکہ کھانا بھی مہیا کر رہا تھا … اور اگر ہم رات یہاں گزارنا چاہتے تو کرائے پر سلیپنگ بیگز اور خیمے بھی مل سکتے تھے۔۔ ۔ ۔ کاش یہ اتنی نمایاں جگہ پر نہ بنایا گیا ہوتا!
’’اچھا جناب آپ چائے پئیں میں واپسی کا سفر شروع کرتا ہوں۔ ‘‘ عثمان نے اٹھتے ہوئے کہا۔
میں کہنے ہی والا تھا کہ چند منٹ انتظار کر لو پھر اکھٹے چلیں گے مگر یاد آ گیا کہ وہ ٹریکر ہی نہیں بلکہ کوہ پیما ہے اور ہمارا جو حال ہے اس حال میں اُس کا ساتھ نہیں دیا جا سکتا۔ اس لئے میں نے عثمان کو خدا حافظ کہا۔
چائے خاموشی سے پی گئی۔ طاہر کا موڈ خاصا آف تھا۔ اسے بیس کیمپ پسند نہیں آیا تھا اور مقامی لوگوں پر اور خصوصاً شاہد خان اور ریاض خان پر سخت غصہ آ رہا تھا کہ یہ لوگ اگربیال کیمپ میں ہی بتا دیتے کہ آگے کچھ نہیں ہے، بس ویسا ہی نانگا پربت ہے جیسا بیال کیمپ سے نظر آتا ہے تو ہمیں یہاں آنے کی مشقت کیوں برداشت کرنا پڑتی؟عمر نے کچھ کہا تو نہیں لیکن رویے سے صاف ظاہر تھا کہ وہ بھی طاہر کے خیالات سے سو فیصد متفق ہے۔ یہ لوگ یادگاری تختیوں تک بھی نہیں گئے۔ جیسے ہی ہم نے چائے ختم کی واپسی کا سفر شروع کر دیا گیا۔
وجاہت اللہ واسطی نے ہوٹل لاک کر دیا، ہم نے کھانا نہ کھا کر اسے مایوس کیا تھا۔ ریاض بھی قدرے برگشتہ تھا، کیونکہ وہ وجاہت کو بتا چکا تھا کہ وہ اس کے لئے گاہک لے کرا رہا ہے۔ وجاہت ریاض کا قریبی عزیز تھا وہ اب ہمارے ساتھ ہی واپس بیال کیمپ جا رہا تھا۔
٭٭٭
{ندی کا صاف پانی تصویر لے رہا ہو}
خنکی میں اضافہ ہو گیا تھا اور مطلع ابر آلود تھا۔ ہمیں اچانک ہی احساس ہوا کہ جلدی کرنا چاہئے بارش ہو جاتی تو؟۔
میں نے دل ہی دل میں دعا مانگی اے اللہ تعالیٰ! فی الحال بارش ملتوی کر دی جائے تو عین نوازش ہو گی تاکہ ہم وہ ڈھلوانی راستہ آسانی سے عبور کر لیں جو گلیشیئر کے فوراً بعد آنے والا تھا، صرف ایک ڈیڑھ گھنٹے التوا کی درخواست ہے … اگر وہ راستہ بارش گزیدہ ہو جاتا تو؟اور اس ’’تو‘‘ سے آگے سوچتے ہوئے باقاعدہ روح فنا ہوتی تھی … ابھی چند لمحے پہلے ہی عثمان نے میرے جوگرز پر اعتراض کیا تھا کہ جوگرز پہاڑی علاقوں کے لئے نہیں ہوتے، ان راہوں پر چلنے کا شوق ہے تو ٹریکنگ شوز خرید لیں … ٹریکنگ شوز تو میرے پاس تھے لیکن پاؤں کے انگوٹھے میں تکلیف کی وجہ سے پہنے نہیں جا سکے تھے۔۔ ۔ ۔ اِس وقت ٹریکنگ شوز صرف طاہر پہنے ہوئے تھا۔ میں نے پختہ ارادہ کر لیا کہ اگر بارش آ گئی تو واپس بیس کیمپ آ جائیں گے اور وجاہت کو بھی واپسی کے لئے کہیں گے تاکہ وہ ہمارے لئے سلیپنگ بیگ اور کھانے کا بندوبست کرے۔ ہم رات بیال کیمپ کے بجائے بیس کیمپ میں ہی گزار لیتے تو کئی فرق نہیں پڑنا تھا بلکہ وجاہت ذرا خوش بھی ہو جاتا کہ اسے گاہک مل گئے۔
واپسی کا سفر نسبتاً آسان ثابت ہوا۔ ہم قدرے ریلیکس تھے اور جگہ جگہ رکتے اور تصویریں بناتے چل رہے تھے۔ طاہر البتہ بہت بیزار تھا، ہماری تصویر بنانا تو کُجا، اگر میں کوئی اچھا منظر دیکھ کر طاہر کی تصویر بنانے کا ارادہ کرتا تو وہ میری جانب رخ کرنے کی بجائے بےٹھ بیٹھے اپنے محور پر گھوم جاتا اور کیمرے کی جانب پیٹھ کر لیتا۔ عمر البتہ خاصی ترنگ میں تھا اور وجاہت کے ساتھ گپیں لگاتا ہوا چل رہا تھا۔
وجاہت کی باتوں سے یہ دلچسپ انکشاف ہوا کہ رائے کوٹ پل سے بیس کیمپ تک ان کی فیملی کے بزنس کا جال بچھا ہوا ہے۔ ہماری جیپ کا ڈرائیور ریاض کا ماموں تھا، شاہد اور ریاض سگے بھائی تھے، وجاہت اللہ واسطی ان دونوں کا فرسٹ کزن تھا، جبکہ ایک اور کزن کا ہوٹل فیری میڈوز میں تھا۔ ریاض نے ہم سے وعدہ لیا کہ فیری میڈوز میں ہم اس کے کزن کے ہوٹل میں ہی ٹھہریں گے جس کا نام فیری میڈوز کاٹیج تھا۔ شاہد، ریاض اور وجاہت رائے کوٹ پل اور بیس کیمپ کے درمیان مسلسل گردش میں رہتے تھے اور کوشش کرتے تھے کہ کلائنٹ ایک مرتبہ ان کے ہتھے چڑھنے کے بعد ان کے فیملی نیٹ ورک سے باہر نہ نکل سکے۔
واپسی کے سفر کو ہم نے نسبتاً زیادہ انجوائے کیا۔ ایک تو بیس کیمپ تک پہنچ جانے کا اطمینان تھا اور دوسرا یہ کہ اب واپس ہی تو جانا ہے اور وقت کافی ہے، کوئی جلدی نہیں۔ بیس کیمپ تک جاتے ہوئے تو صرف اور صرف راستہ اور چڑھائی ذہن پر سوار تھے اس لئے اردگرد کے مناظر پر توجّہ ہی نہیں دی جا سکی … لیکن اب اس راستے کی خوبصورتی عیاں ہو رہی تھی۔۔ ۔ ۔ ۔ ہمیں احساس ہی نہیں تھا کہ یہ تو وہی جگہ ہے گزرے تھے ہم جہاں سے … ہر قدم پر فطرت اپنی دلکشی کے پوشیدہ گوشے نہایت فراخدلی سے بے نقاب کر رہی تھی۔
ہم بیال کیمپ کے قریب پہنچے تو بستی کے پالتو جانور بھی ہمارے گروپ میں شامل ہوتے گئے جو قدرتی چراگاہوں سے پیٹ بھر کر شام کو اپنے اپنے ٹھکانوں پر واپس آ رہے تھے۔ ہم ریاض اور وجاہت کے ساتھ ساتھ گایوں ، بھیڑوں ، بکریوں اور گھوڑوں کے جَلَو میں بیال کیمپ تک پہنچے۔ کبھی ہمیں کسی شریر اور غضبناک نظر آنے والے گھوڑے کو راستہ دینے کے لئے راستے سے ہٹنا پڑتا تو کبھی کوئی معصوم صورت گائے ہم سے ڈر کر بریک لگا لیتی اور راستے پر کھڑی ہو کر اطمینان سے جگالی شروع کر دیتی اور کافی دیر تک روڈ بلاک کا باعث بنتی۔ چھ بجے کے لگ بھگ میں بیال کیمپ میں داخل ہوا۔ صبح کو تو مَیں منزل تک پہنچنے کی جلدی میں یہاں سے سرسری انداز سے گزر گیا تھا، لیکن اب اس منظر سے صرفِ نظر کرتے ہوئے گزرنا ممکن نہیں تھا۔ بیال کیمپ کا یہ حصہ اِس لحاظ سے انفرادیت کا حامِل تھا کہ اِس میں چھوٹے چھوٹے پہاڑی نالوں کی بہتات تھی جن میں نہایت شفاف پانی اٹکھیلیاں کرتا گزر رہا تھا۔ اِن نالوں کے ادغام نے کہیں کہیں ننّھی منّی جھیلیں تشکیل دے دی تھیں۔ ڈھلتے سورج کی کرنیں پانی کی لہروں کو منور کر رہی تھی اور آئینے کی شکل اِختیار کرتا ہُوا یہ شفّاف پانی نانگا پربت اور صنوبر اور برچ کے درختوں کی تصویر لے رہا تھا۔ مجھے ایک مرتبہ پھر گمان ہوا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے نانگا پربت بیس کیمپ کا ٹریک ضرور کیا ہو گا اور اسی جگہ کھڑے ہو کر بیال کیمپ کے اس منظر کی جزئیات کو اپنے شعروں میں ڈھال دیا ہو گا۔
پتّوں کا ہو نظارہ، میری کتاب خوانی
دفتر ہو معرفت کا، جو گل کھلا ہوا ہو
یوں وادیوں میں ٹھہرے آ کر شفق کی سرخی
جیسے کسی گلی میں ، کوئی شکستہ پا ہو
پچھم کو جا رہا ہو کچھ اس ادا سے سورج
جیسے کوئی کسی کے دامن کو کھنچتا ہو
صف باندھے دونوں جانب بوٹے ہرے ہرے ہوں
ندی کا صاف پانی تصویر لے رہا ہو
میں کچھ دیر شفاف پانی کی لہروں پر سورج کی جھلملاتی کرنوں کا نظارہ کرنے کے بعد آگے بڑھا تو عثمان ڈار پر نظر پڑی جو ہوٹل کے کیبن کے باہر ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ کسی حد تک راز و نیاز میں مصروف تھا۔
پاکستان کے مروّجہ معیار کے مطابق انہیں قابلِ اعتراض حالت میں گرفتار کر کے پھینٹی لگانے کا سنہری موقع تھا، لیکن شکر ہے کہ آس پاس پاکستانی پولیس کا کوئی کانسٹیبل موجود نہیں تھا۔ پہلے تو ایسا لگا کہ ان کی ناکوں کا درمیان کوئی فاصلہ نہیں ، قریب پہنچنے پر پتہ چلا کہ بال برابر فاصلہ موجود ہے۔ عثمان ڈار اس خاتون کو اپنے ڈیجیٹل کیمرے کی تصویریں پلے بیک کر کے دکھا رہا تھا اور خود کیمرے کے اوپر جھانک جھانک کر پتہ نہیں کیا دیکھ رہا تھا۔ کسی کسی تصویر پر محترمہ ’’ اوہ ویری نائس‘‘ کہہ کر کیمرے کی جانب ذرا زیادہ جھکتیں تو عثمان کی باچھیں اور آنکھیں مزید کھل جاتیں۔ میں نے زور دار سلام عرض کر کے عثمان کو چونکانے کی کوشش کی لیکن بری طرح ناکام رہا … وہ بالکل نہیں چونکا … کیمرے کے اوپر مزید جھکتے ہوئے اس نے سلام کا جواب تو دے دیا مگر نظریں جہاں تھیں وہیں ٹکی رہیں۔ ان دونوں سے کچھ دور ایک مقامی شخص کھڑا نظر آیا تو میں اس کی طرف بڑھ گیا۔ معلوم ہوا کہ یہ اُس غیر ملکی جوڑے کا گائیڈ ہے جس کی ایک رُکن عُثمان کی تصاویر دیکھ رہی تھی۔۔ ۔ ۔ دوسرا پارٹنر اب نظر آیا جو کچھ دور کھڑا دوربین کی مدد سے نانگا پربت کا جائزہ لے رہا تھا۔
گائیڈ کا نام الطاف تھا اور وہ اِس غیر ملکی جوڑے کو جولی پور پاس تک لے جانا چاہتا تھا، یعنی عثمان کو اپنے ٹریک کے لئے ساتھی اور مفت کا گائیڈ مل گیا تھا۔
’’عثمان صاحب بس کریں۔ ‘‘ الطاف نے اچانک بلند آواز میں کہا۔
لیکن عثمان نے کوئی توجہ نہ دی۔
’’جولی پور پاس کتنی اونچائی پر ہے؟‘‘ میں نے الطاف سے پوچھا۔
’’وہ رہا۔ ‘‘ اس نے اشارہ کیا۔ میں نے نظروں سے اس کے اشارے کا تعاقب کیا لیکن مجھے وہاں کوئی پاس یا فیل نظر نہ آیا۔
’’ویسے اس کی بلندی کتنی ہے۔ ‘‘
’’تیرہ چودہ ہزار فٹ تو ہو گی۔ ‘‘ اس نے غیر یقینی انداز میں کہا۔
’’میٹرز میں بتائیں۔ ‘‘
’’تقریباً چار ہزار میٹر سے کچھ زیادہ۔ ‘‘
’’اور ہم اس وقت کس بلندی پر ہیں ؟‘‘
’’ بیال کیمپ تین ہزار پانچ سو میٹر کی بلندی پر ہے۔ ‘‘ جواب دے کراس نے ایک مرتبہ پھر ہانک لگائی۔ ’’عثمان صاحب بس بھی کریں۔ ‘‘
بیال کیمپ سے جلی پور پیک کے لئے ٹریک شروع ہوتا ہے۔ با قاعدہ قسم کے ٹریکرز ہی اس ٹریک کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ کلائمب اس لحاظ سے نسبتاً آسان ہے کہ یہاں تکنیکی دشواریاں نہیں ہیں ، اگر آپ تھوڑی سی سخت جانی اور بہت سارے حوصلے کا مظاہرہ کر سکتے ہیں تو یہ ٹریک آپ کے لئے بھی مناسب ہو سکتا ہے۔ اگر آپ پیک تک نہیں جا سکتے تو جلی پور ہائی کیمپ یا جلی پور پاس کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ اور بقول ریاض نہ پہنچ سکیں تو واپس آ جائیں ، واپسی کا راستہ ہر وقت کھلا ہے۔ جلی پور ہائی کیمپ ۴۶۵۰ میٹر، جلی پور پاس ۴۸۳۷ میٹر اور جلی پور پیک ۵۲۱۰ میٹر بلند ہے۔
’’عثمان صاحب خُدا کے لئے بس کریں۔ ‘‘ اس مرتبہ الطاف نے باقاعدہ دونوں ہاتھوں سے بھونپو بناتے ہوئے کہا۔
’’آ پ کیوں ہاتھ دھو کر عثمان کے پیچھے پڑ گئے ہیں ، وہ ہائی کیمپ میں اتاری ہوئی تصاویر دکھا رہا ہو گا۔ ‘‘
’’میں اسے کچھ دکھانے سے نہیں ، دیکھنے سے روکنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
’’دیکھنے پر ہی سہی آپ کو اعتراض کیا ہے؟‘‘
’’وہاں کوئی ایسی چیز نہیں ہے جسے اتنی دیر تک اور اتنی زیادہ دلچسپی سے دیکھا جائے۔ آپ تو اب آئے ہیں ، عثمان صاحب تقریباً ایک گھنٹے سے اسی پوز میں کھڑے ہیں۔ ‘‘
میں نے خاتون کے چہرے سے نیچے نظریں دوڑائیں تو الطاف سے سو فیصد متفق ہو گیا۔ اتنے سپاٹ جسم کو ایک گھنٹہ تک دیکھنا خاصا صبر آزما کام تھا۔ جسم میں نشیب و فراز یا تو تھے ہی نہیں یا پھر ارد گرد کی بلندیوں سے مرعوب ہو کر ’’ کہیں اور‘‘ جا بسے تھے۔
’’ہمیں دیکھنے سے تو بہتر ہے کہ وہیں دیکھتا رہے۔ ‘‘ میں نے مسکرا تے ہوئے کہا۔
الطاف صاحب مجھ سے بیر زیادہ بھاری کم اور باقاعدہ بزرگ تھے۔ انہوں نے زوردار قہقہہ لگایا۔
’’آپ کلائمبر بھی ہیں ؟‘‘ میں نے پوچھا۔
’’کلائمبر؟‘‘ وہ پھر ہنس پڑا۔ ’’ کلائمبر مجھ جیسے نہیں ہوتے۔ میں صرف گائیڈ ہوں ، البتہ کے۔ ٹو پر کیمپ ٹو اور راکا پوشی کے کیمپ تھری تک ہو آیا ہوں۔ آپ مجھے ہائی آلٹی چیوڈ پورٹر بھی کہہ سکتے ہیں۔ ‘‘
’’ویری گڈ! اس کا مطلب ہے آپ کسی حد تک تو کلائمبر ہیں ہی … ہم آج بیس کیمپ تک گئے تھے اور میرا خیال تھا کہ وہاں کئی کوہ پیما ٹیموں سے ملاقات ہو گی کیونکہ آجکل سیزن عروج پر ہے، لیکن وہاں عثمان ڈار کے علاوہ کوئی بھی نہیں تھا۔ کیا اس مرتبہ کوئی ٹیم نانگا پربت سر کرنے نہیں آئی؟‘‘
’’اوہ۔۔ ۔ ۔ میرا خیال ہے آپ کو صحیح معلومات نہیں ملیں۔ یہ نانگا پربت کا نارتھ فیس ہے، نانگا پربت کو ادھر سے سر نہیں کیا جاتا۔ ‘‘
’’ لیکن بوہل نے تو ادھر سے ہی سر کیا تھا۔ ‘‘ میں نے گائیڈ سے حاصل شدہ تازہ ترین معلومات کا رعب جھاڑا۔
’’وہ بالکل شروع کی بات ہے۔ ابتدائی مہمات کے لئے یہی بیس کیمپ استعمال کیا گیا، لیکن پھر اندازہ ہو گیا کہ اس جانب سے نانگا پربت کی چوٹی کا راستہ ٹیکنیکل طور پر آسان ضرور ہے لیکن ایوالانچے اور غیر یقینی موسم کی وجہ سے انتہائی خطرناک ہے۔ اس لئے اب اسے قریب قریب متروک سمجھا جاتا ہے۔ ‘‘
’’ آجکل اسے کہاں سے سر کیا جاتا ہے۔ ‘‘
’’سب سے زیادہ ٹیمیں مغربی جانب یعنی دیا میرفیس سے ٹرائی کرتی ہیں کچھ لوگ جنوبی سائڈ یعنی روپل فیس سے بھی کلائمب کرتے ہیں۔ ‘‘
’’آجکل کوئی ٹیم آئی ہوئی ہے نانگا پربت سر کرنے؟ ‘‘
اس نے مجھے جواب دینے سے پہلے ایک مرتبہ پھر عثمان کو بس کرنے کے لئے ہانک لگائی اور عثمان نے اس مرتبہ خاصی خشمگیں نظروں سے اسے گھورا۔
’’آپ اخبار نہیں پڑھتے ؟‘‘ اُس نے الٹا سوال کر دیا۔
’’ میں اخبار تو کبی؟ کبھار پڑھ لیتا ہوں ، لیکن اتنی تفصیل سے نہیں پڑھتا کہ کوہ پیمائی کے شیڈول بھی چاٹ جاؤں۔ ‘‘
’’یہ بات نہیں ، دراصل ابھی چند روز پہلے اخبارات میں نانگا پربت اور سلوانیا کے کوہ پیما ٹوماز ہیو مار(Tomaz Humar)کا بہت زیادہ چرچا رہا تھا۔ ‘‘
’’اُس نے کیا کارنامہ سر انجام دیا۔ ‘‘
’’کارنامہ تو کوئی نہیں … البتہ وہ نانگا پربت سر کرنے میں ناکام رہا۔ ‘‘
’’اور اِس ناکامی کی وجہ سے وہ میڈیا پر چھایا رہا؟‘‘ میں نے حیرانی کا اظہار کیا۔
’’ ناکام تو وہ گزشتہ سال بھی رہا تھا، اِس سال وہ چھ ہزار میٹر کی بلندی پر برف کے طوفان میں پھنس گیا۔ وہ وادی روپل کی جانب سے نانگا پربت کو سَر کرنے کے لئے ایک نیا روٹ دریافت کرنا چاہتا تھا۔ اگر پچاس سال پہلے کا زمانہ ہوتا تو وہ یقیناً ہلاک ہو جاتا۔ اس نے سیٹیلائٹ فون پر پیغام بھیجا کہ اس کی مدد کی جائے ورنہ خدشہ ہے کہ وہ ہلاک ہو جائے گا۔ بیس کیمپ والوں نے فوراً اپنے سفارت خانے سے رابطہ کیا، اور سلوانیا کی حکومت نے حکومت پاکستان سے درخواست کی کہ ان کے کوہ پیما کو بچانے کے لئے ریسکیو آپریشن کیا جائے، یہ آپریشن پاک آرمی نے شروع کیا اور اخبارات ایک ہفتہ تک اس کی ڈیلی رپورٹ شائع کرتے رہے۔ ‘‘
’’آپ کو تو بہت تفصیلی معلومات ہیں۔ ‘‘ میں نے حیران ہو کر کہا۔
’’ہمارے علاقے اور میرے پیشے سے متعلّقہ واقعہ ہے۔ مجھے اِس کا پوری طرح علم ہونا ہی چاہئے۔ آجکل تو ہر کلائنٹ ہیومار کے بارے میں سوالات پوچھتا ہے۔ ‘‘
’’پھر کیا ہوا؟‘‘
’’پھر یہ کہ پاکستان آرمی کا ہیلی کاپٹر کئی دن تک کوشش کرتا رہا لیکن موسمی حالات کی وجہ سے ہیومار کے قریب نہ جا سکا۔ کئی دن بعد کامیابی ہوئی تو وہ اِس حال میں ملا کہ اپنے ہاتھوں اور پیروں کو جنبش بھی نہیں دے سکتا تھا۔ کہتے ہیں چوبیس گھنٹے اور گزر جاتے تو ٹوماز ہیومار دنیا سے گزر جاتا۔ ‘‘
’’ ویری گڈ! ‘‘
’’اور یہ اپنی نوعیت کا منفرد کارنامہ ہے۔ اس سے پہلے دُنیا میں کہیں بھی، اور کبھی بھی کسی کوہ پیما کے لئے اتنی بلندی پر ریسکیو آپریشن نہیں کیا گیا۔ ‘‘
’’یہ تو واقعی اہم خبر ہے !حیرت ہے کہ میں لا علم رہا۔ ‘‘
ٹومازہیومار کو بہت پبلیٹی ملی البتّہ کچھ مشہور کوہ پیماؤں نے بیانات دئیے کہ یہ ٹوماز کا پبلِسٹی سٹنٹ تھا۔ ‘‘
’’ پبلِسٹی سٹنٹ ؟ اور … آپ کہتے ہیں کہ اگر وہ چوبیس گھنٹے مزید وہاں رہتا تو مر جاتا … یہ پبلِسٹی سٹنٹ کیسے ہو سکتا ہے؟‘‘
’’یہ تو ہے … اب پتہ نہیں اصل بات کیا ہے۔ ‘‘
’’آپ کا اپنا ذاتی خیال کیا ہے؟‘‘
’’میرا تو خیال ہے وہ واقعی پھنس گیا تھا۔ آخر اِس سے پہلے بھی تو لوگ ان حالات کا شکار ہو کر ہلاک ہو ہی جاتے تھے۔ ‘‘
’’پھر تو اسے پاکستان آرمی کا بہت زیادہ شکر گزار ہونا چاہئے۔ ‘‘
’’وہ ہے … اور وہ کیا اس کا پورا ملک ہے۔ حکومت سلوانیا نے پاکستان پر سے کئی پابندیاں اٹھا لی ہیں اور بغیر سود قرضے بھی منظور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ‘‘
’’گویا پاکستان آرمی نے ایک بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے؟‘‘
’’اِس میں کوئی شک نہیں ، پہاڑوں پر اور اتنی بلندی پر ریسکیوآپریشن کوئی آسان کام نہیں ، آپ کو پتہ ہے ایسے آپریشن کون لوگ کرتے ہیں ؟‘‘
’’کیا اس کے لئے انسانوں کی کوئی خاص قسم درکار ہوتی ہے؟‘‘ میں نے حیرانی سے پوچھا۔
’’ اس سلسلے میں کوہ پیماؤں میں ایک لطیفہ مشہور ہے۔ ‘‘ اس نے مسکراتے ہوئے کہا۔
’’کیسا لطیفہ؟مجھے بھی سنائیں۔ ‘‘ طاہر نے نازل ہوتے ہوئے کہا۔
’’یہ میرے ساتھی ہیں۔ ‘‘ میں نے تعارف کرایا۔
الطاف نے پہلے تو طاہر سے ہاتھ ملایا، پھر کہنے لگا۔
’’ایک مرتبہ کسی ریکرو ٹنگ ایجنسی کو ماؤنٹین ریسکیو ٹیم کے لئے ممبرز کی ضرورت تھی۔ انہوں نے اخبار میں اشتہار دے دیا اور سینکڑوں امیدوار آ گئے۔ وہ سلیکشن کا معیار جاننا چاہتے تھے۔ سلیکشن کمیٹی کے صدر نے بتایا کہ شرائط کچھ زیادہ مشکل نہیں ہیں۔ ایک معمولی سا ٹیسٹ ہے اور جو اُمّیدوار یہ ٹیسٹ پاس کر لے گا اسے بھرتی کر لیا جائے گا۔ ٹیسٹ کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہمارا ڈاکٹر امیدوار کے ایک کان میں فلیش لائٹ سے روشنی ڈالے گا … اگر وہ روشنی کسی قسم کی تبدیلی کے بغیر دوسرے کان سے برآمد ہو گئی تو امیدوار اپنے آپ کو کامیاب سمجھے۔ ‘‘
’’کیا مطلب؟‘‘ میں نے حیران ہوتے ہوئے کہا ’’ میں ڈاکٹر ہوں میں نے ایسے کسی ٹیسٹ کے بارے میں پڑھا نہ سنا، دونوں کانوں کے بیچ سے روشنی کیسے گزر سکتی ہے؟‘‘
لیکن یہ فقرہ کہتے ہی میں اس کا مطلب سمجھ گیا۔ طاہر شاید پہلے ہی سمجھ گیا تھا اس نے ایک بلند آہنگ قہقہہ لگا۔
’’بہت خوب !۔۔ ۔ ۔ فوجیوں کے بارے میں ویسے ہی کہا جاتا ہے کہ ان کے کانوں کے بیچ خلا ہوتا ہے … اور وہی ریسکیو ٹیم کے ممبران تھے۔۔ ۔ ۔ یعنی چپڑی بھی اور دو دو بھی۔۔ ۔ ۔ ٹومازہیو مار کو اور کیا چاہئے تھا … ‘‘ میں نے ذرا مسکرا تے ہوئے کہا۔
’’یہ ٹورمار ہورمار کیا بلا ہے … ‘‘ طاہر نے پوچھا۔
’’ٹورمار ہورمار نہیں ٹوماز ہیو مار، یہ دلچسپ کہانی تمہیں بعد میں سناؤں گا۔ ‘‘
’’السلام علیکم!‘‘ عثمان ڈار نے قریب آ کر نعرہ لگایا۔
’’وعلیکم السلام، ہُن لفٹ ای کوئی نئیں جناب۔ ‘‘ میں نے ہاتھ ملاتے ہوئے کہا۔
’’وہ دراصل ایک اسپینی جوڑا ہے، میں ذرا اسپین کے بارے میں معلومات حاصل کر رہا تھا۔ ‘‘
’’جوڑا ؟آپ تو صرف جوڑی کے ساتھ مصروف تھے۔ ‘‘
’’وہ ؟وہ تو مجھے سپین کی تاریخی عمارات کی تصاویر دکھا رہی تھی اور آپ کو پتہ ہے کہ بطور مسلمان ہمارا سپین کی تاریخ سے کتنا گہرا تعلق ہے؟‘‘
’’تعلق کا تو مجھے پتہ ہے، لیکن تصاویر تو آپ دیکھا رہے تھے۔ ‘‘
’’وہ بھی دِکھا رہی تھی۔ ‘‘ اُس نے ڈھٹائی سے کہا۔
’’کیا دکھا رہی تھی ؟‘‘ عمر نے قریب آ کر معصومیت سے پوچھا۔
’’جو آپ کیمرے کی حدود کراس کر کے دیکھ رہے تھے۔ ‘‘ میں نے فقرہ مکمل کیا۔
’’مذاق نہ کریں ڈاکٹر صاحب۔۔ ۔ ۔ آپ اسی ہوٹل میں رہیں گے ؟ ‘‘ اس نے خوبصورتی سے بات بدل دی۔
’’ نہیں اگلے میں … اور آپ کہاں ٹھہریں گے ؟‘‘
’’میں ؟ … میں تو ٹھہر چکا ! … اسی ہوٹل میں۔ ۔ ۔ ۔ ساتھ والا کیبن میرا ہے۔ ‘‘
’’ماشاء اللہ … اللہ کرے زورِ تصاویر اور زیادہ، تاکہ آپ کی شام اور رات خوشگوار گزرے، بس ذرا خیال رہے صبح آپ نے جولی پور پاس کے لئے بھی روانہ ہونا ہے۔ ‘‘
’’اِن شاء اللہ! ‘‘ وہ میرا مطلب سمجھ کر جھینپ گیا۔
ہم نے انہیں خدا حافظ کہا اور آگے روانہ ہو گئے۔ ریاض اور وجاہت ہم سے پہلے ہوٹل تک پہنچ چکے تھے۔ انہوں نے ہمیں دور سے ہی دیکھ لیا تھا چنانچہ جب ہم کیبن تک پہنے تو گرین ٹی تیار تھی۔ پہاڑی ندی کے کنارے گرما گرم چائے کی چسکیاں اپنا الگ لطف رکھتی ہیں۔ چائے ختم ہوئی تو ہم کچن کیبن میں داخل ہو گئے۔ وجاہت اور شاہد نے ہمارا داخلہ پسند نہیں کیا۔ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ہم کچن کے معیارِ صفائی کا جائزہ لے سکیں۔ کچن کے درمیان دو فٹ چوڑی اور کافی لمبی میز بچھی تھی جس پر مختلف قسم کی سبزیاں اور مصالحے آپس میں گڈ مڈ ہو رہے تھے۔ ایک کونے میں برتنوں کا ڈھیر لگا ہوا تھا، دوسرے کونے میں پتھروں سے بنا ہوا چولہا تھا جس میں لکڑی جل رہی تھی اور کچن دھوئیں سے لبریز تھا۔
’’یار اِس دھواں دھار ماحول میں آپ کو کیا نظر آتا ہو گا ؟ اسی لیے تو چاولوں کا حلوہ بن جاتا ہے۔ ‘‘
’’سر جی فکر نہ کریں ، آج چاول میں بناؤں گا۔ ‘‘ وجاہت نے کہا۔
’’اور آلو کی بھجیا؟ ‘‘۔ طاہر نے پوچھا۔
’’آلو تو میں بہت اچھے پکا لیتا ہوں۔ بھجیا کا مجھے پتا نہیں !آپ بتا دیں تو میں بنا لوں گا‘‘۔
طاہر وجاہت کو آلو کی بھجیا کی ترکیب بتانے لگا۔
کچن میں نا گوار سی بو آ رہی تھی۔ ہماری آنکھیں دھوئیں اور اندھیرے کی عادی ہوئیں تو احساس ہوا کہ صفائی کی غیر موجودگی میں اُس کے بارے میں اگر کچھ کہا گیا تو وہ غیبت میں شمار ہو گا، اور غیبت کرنا کوئی اچھی بات نہیں۔ لیکن ناک بھوں چڑھانے کی کوئی گنجائش نہیں تھی کیونکہ تقریباً چار ہزار میٹر کی بلندی پر جو کچھ مل رہا تھا غنیمت تھا۔ ہم نے شاہد اور وجاہت سے عاجزانہ در خواست کی کہ وہ کم از کم برتنوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
’’سرجی … آپ فکر ہی نہ کریں۔ ‘‘ وجاہت نے مسکراتے ہوئے کہا۔ ’’ہمارا ہوٹل صفائی کے لئے ہی تو مشہور ہے۔ ‘‘
’’اچھا واقعی؟‘‘ عمر نے چاروں طرف دیکھتے ہوئے کہا۔ ’’کہاں چھپا کر رکھی ہے آپ نے وہ صفائی، ذرا ہمیں بھی تو دکھائیں ؟‘‘
’’سر آپ کو کچن میں چوہے نظر آرہے ہیں ؟ ‘‘ وجاہت نے ذرا جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے پوچھا۔
’’چوہے ؟۔۔ ۔ ۔ ۔ نہیں تو۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’اور سر آپ نے کسی بکری یا بھیڑ کو کچن میں داخل ہوتے دیکھا ؟‘‘
’’بالکل نہیں۔ ‘‘
’’اور آپ کو یہاں مرغیاں گھومتی ہوئیں نظر آئیں ؟‘‘
’’وہ بھی نہیں۔ ‘‘
’’تو سر کچن بالکل صاف ستھرا ہے ناں !آپ بے فکر رہیں ‘‘۔
ہم بے فکر رہنے کہ سوا اور کر بھی کیا سکتے تھے ؟اگر چوہوں ، بکریوں اور مرغیوں کی عدم موجودگی ہی معیارِ صفائی تھا تو کچن واقعی صفائی کا اعلی معیار پیش کر رہا تھا۔ اس لئے ہم نے وجاہت کے نکتہ نظر سے اختلاف مناسب نہ سمجھا اور بے فکری سے ٹہلتے ہوئے اپنے کیبن کی طرف بڑھ گئے۔ جوتے اتار کر کیبن کے باہر رکھے اور صابن تولیہ وغیرہ لے کر باتھ روم کا رُخ کیا۔ پانی کا فی ٹھنڈا تھا، نہانے کی ہمت نہ ہوئی اور ہاتھ منہ دھونے پر اکتفا کیا گیا۔
کھانے میں ابلے ہوئے چاول آلو کی بھجیا اور روٹی تھی۔ روٹی تو حسبِ معمول پلاسٹک کی بنی ہوئی تھی، چاول قدرے بہتر تھے اور آلو کی بھجیا بھی ٹھیک تھی۔ سب سے اچھی بھوک تھی اس لئے کھا نا خوش ذائقہ لگا۔ وجاہت پاس بیٹھا بار بار کھانے کہ بارے میں پوچھ رہا تھا۔ ہم نے تھوڑی سی تعریف کر دی تو وہ خوش ہو گیا۔ اب آرام کر نے کے علاوہ اور کوئی کام نہ تھا، اس لئے ہم بستروں پر دراز ہو گئے۔ مجھے افسوس تھا کہ آج بھی موسم ابر آلود تھا اور ہم چاندنی رات میں نانگا پر بت کے نظارے سے محروم تھے۔ چاندنی رات میں نانگا پر بت کا نظارہ، تاج محل کے نظارے کی طرح مشہور ہے، اور تاج محل کو چاندنی رات میں دیکھنے کے بعد میں نانگا پربت کے اس نظارے سے محروم نہیں رہنا چاہتا تھا، لیکن نانگا پربت پتھر کے صنم کی طرح خود اپنے چہرے سے بادلوں کا گھونگھٹ ہٹانے پر قادر نہیں تھا۔
تھکاوٹ کی وجہ سے جلد ہی نیند ہم پر غالب آ گئی۔
صبح خاصی نکھری نکھری تھی۔ بادل کسی حد تک چھٹ چکے تھے، سورج طلوع ہو رہا تھا لیکن ہماری نظروں سے اوجھل تھا۔ سورج کی کرنیں بادلوں کی اوٹ سے جھانکتے ہوئے نانگا پربت کی برف پوش چوٹیوں کے رُخ پر غازہ مَل رہی تھیں ، ایسا لگتا تھا جیسے کسی ماہر فنکار نے اس برفانی معبد کے گنبدوں پر سونے کے پانی سے ملمع کاری کر دی ہے۔ اس قدر تی میک اپ نے نانگا پربت کو ایک انوکھا حسن عطا کر دیا تھا۔ میں نے کیبن کے سامنے بیٹھ کر طلوع آفتاب کی روشنیوں میں بادلوں سے آراستہ نانگا پربت کی چوٹیوں کی سٹیج پر لمحہ لمحہ رنگ بدلتی کِرنوں کا جو رقص دیکھا اِسے کوشش کے باوجود لفظوں میں بیان کرنے سے قاصر ہوں۔ یہ ایک ایسا انوکھا منظر تھا جو ایک بار دیکھا ہے دوسری بار دیکھنے کی ہوس ہے۔ یہ ان مناظر میں بھی شامل ہے جو دماغ کے کسی خفیہ گوشے میں نقش ہیں اور جنہیں دیکھنے کے لئے صرف آنکھیں بند کرنا پڑتی ہیں۔
ناشتے میں پراٹھے، انڈوں کا آملیٹ اور ابلے ہوئے انڈے تھے۔ چائے باقاعدہ چائے تھی یعنی دودھ اور پتی والی، لیکن اس چائے میں صنوبر کی لکڑی کے دھوئیں کا ذائقہ ہر چیز پر حاوی تھا۔ پنجاب میں تو ہم اس لکڑی کا فرنیچر افورڈ نہیں کر سکتے، یہاں صنوبر کی لکڑی پر بنے ہوئے کھانے مل رہے تھے، خوش قسمتی اور کسے کہتے ہیں ؟
ناشتہ کے بعد ہم نے واپسی کی ٹھانی اور ریاض کو کہا کہ بل لے آئے۔ بل میں کیبن کا کرایہ چھ سو روپے یعنی دو سو روپے فی کس تھا جو خاصا مناسب تھا۔ کھانے کے ریٹ البتہ بہت زیادہ تھے، وہی جو بیس کیمپ پر تھے۔ ہم نے دریافت کیا کہ بل کس نے بنایا ہے تو پتہ چلا وجاہت صاحب نے بنایا تھا۔ طاہر نے مطالبہ کیا کہ شاہد خان کو بلایا جائے۔ شاہد خان آ گیا تو طاہر نے اسے اس کا وعدہ یاد دلایا کہ کھانے کے ریٹس مناسب ہوں گے۔ وجاہت نے احتجاج کیا اور کہا کہ ریٹس پہلے ہی خاصے مناسب رکھے گئے ہیں اور مزید رعایت کی گنجائش نہیں۔ شاہد خان البتہ نفیس طبیعت انسان تھا اس نے وجاہت کو بولنے سے روک دیا اور بل طاہر کی طرف بڑھا دیا۔
’’ سر آپ جو مناسب سمجھتے ہیں تبدیلی کر لیں۔ ‘‘
’’میرا یہ مطلب نہیں تھا، لیکن دیکھو نا وجاہت نے چاول کی پلیٹ … ‘‘
’’ سر پلیز!میں سمجھ رہا ہوں ، ریٹس واقعی زیادہ ہیں ، آپ مناسب تبدیلی کر لں ، ہم آپ کو ناراض نہیں کرنا چاہتے۔ ‘‘
طاہر اور شاہد نے باہمی مشاورت سے بل میں کچھ تبدیلیاں کیں تو ساڑھے چار ہزار کا بل ستائیس سو روپے میں تبدیل ہو گیا، جسے ہم نے بخوشی ادا کر دیا۔ وجاہت کے چہرے پر قدرے ناگواری تھی۔ شاہد نے بتایا کہ ریاض ہمارے ساتھ ہی جائے گا جسے کچھ سامان لینے جگلوٹ جانا تھا۔
’’یار آپ کے ہوٹل کا نام کیا ہے؟ ہمیں یہ تو علم ہونا چاہئے کہ ہم کس ہوٹل میں ٹھہرے تھے۔ ‘‘ طاہر نے شاہد سے پوچھا۔
’’ ہمارے ہوٹل کا نام میسنر کاٹیج ہے۔ ‘‘ شاہد نے بتایا اور ایک بورڈ کی طرف اشارہ کیا جس پر میسنر کاٹیج لکھا ہوا تھا، لیکن لفظ اتنے مدھم ہو چکے تھے کہ پڑھے نہیں جاتے تھے۔
’’ یہ میسنر کیا چیز ہے ؟ ‘‘ طاہر نے پوچھا۔
’’میسنرموجودہ دور کا سب سے بڑا کلائمبر ہے۔ ‘‘
’’کتنا بڑا ؟نانگا پربت جتنا ؟‘‘ طاہر نے مزاحیہ انداز میں پوچھا۔
’’وہ نانگا پربت سے بہت بڑا ہے سَر۔ ‘‘ وجاہت نے سنجیدگی سے جواب دیا۔ ’’نانگا پربت دنیا کے پہاڑوں میں نویں نمبر پر ہے جبکہ میسنر بلا شبہ نمبر ون ہے اور اسے آل ٹائم گریٹ کہا جاتا ہے۔ ‘‘
وجاہت کی حاضر جوابی اُس کی ذہانت کی عکّاس تھی۔
ہم نے سب کو خدا حافظ کہا اور فیری میڈوز کے لئے روانہ ہو گئے۔ راستہ ہمارا دیکھا بھالا تھا اس لئے ذرا بے فکری سے چل رہے تھے۔ ہمارے دائیں ہاتھ رائے کوٹ گلیشیئر اور بائیں ہاتھ صنوبر اور برچ کے درختوں کا جنگل تھا۔ پرسوں ہم نے تھکاوٹ کے عالم میں یہ راستہ طے کیا تھا اور آج ہم ذرا تفصیل سے گلیشیئر اور جنگل کا جائزہ لیتے ہوئے چل رہے تھے۔ تھوڑی دیر بعد ریاض ہم سے آ ملا اور اس نے میرا رک سیک سنبھال لیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ میں ہم فیری میڈوز پہنچے۔ ریاض ہمیں ایک ہوٹل تک لے گیا جس کا نام فیری میڈوز کاٹیج تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ ہم وہاں قیام کریں۔ ہم نے رائے کوٹ سرائے میں ٹھہرنے کا عندیہ ظاہر کیا تو اس کا موڈ آف ہو گیا۔ ہم ہر جگہ اس کا کمیشن خراب کرنے پر تلے ہوئے تھے۔ بیس کیمپ پر ہم نے کھانا نہیں کھایا اور یہاں اس کے منتخب کردہ ہوٹل میں قیام نہیں کر رہے تھے۔ اس نے یہیں قیام کرنے پر تھوڑا سا زور دیا … لیکن جب اسے انداز ہو گیا ہم رائے کوٹ سرائے جانے کا فیصلہ کر چکے ہیں تو اس نے رک سیک میری طرف بڑھاتے ہوئے کہا:
’’سر مائنڈ نہ کرنا یہ رستہ سیدا رائے کوٹ سرائے تک جاتا اے۔ ‘‘
میں نے خاموشی سے رک سیک لے لیا، لیکن مجھے ریاض کی خدمات کا اعتراف تھا۔ وہ پرسوں ہمارا ایک بیگ اٹھا کر جیل گاؤں سے فیری میڈوز آیا تھا، کل اس نے مجھے بیس کیمپ تک گائیڈ کیا تھا … اور اسی کی حوصلہ افزائی پر۔۔ ۔ ۔ بلکہ اکسانے پر میں بیس کیمپ پہنچا تھا۔۔ ۔ ۔ اور آج وہ میرا رک سیک اٹھا کر فیری میڈوز تک آیا تھا۔ اُس کی گزشتہ خدمات اُس کے موجودہ رویّے پر حاوی تھیں۔ میں نے طاہر کے مشورے پر اسے کچھ ٹپ دی تو وہ خوش ہو گیا، اُس نے نوٹ اپنی نسوار کی پاؤچ میں رکھے، اور ایک مرتبہ پھر میرا رک سیک اٹھانے والا تھا کہ میں نے اس کا شکریہ ادا کیا اور خود بیگ اٹھا لیا۔ چند منٹوں بعد ہم رائے کوٹ سرائے کے سبزہ زار میں پہنچ گئے۔ میں اور عمر گھاس پر ہی دراز ہو گئے جبکہ طاہر اُس شخص کی طرف بڑھ گیا جو لان میں رکھی میز اور کرسیوں کو سیٹ کر رہا تھا۔ اس سے بات کر کے طاہر واپس آیا اور ہمیں بتایا کہ وہ رائے کوٹ سرائے کا اصل مالک ہے۔
’’اصل مالک؟ … کیا عزیز مالک نہیں ہے جو پرسوں ملا تھا؟‘‘
’’دراصل یہ دونوں بھائی ہیں ، اس کا نام رحمت نبی ہے۔ ‘‘
’’رحمت نبی ؟‘‘ میں کچھ چونکا۔ یہ تو میرا جانا پچا نا نام تھا۔ رحمت نبی سے انٹر نیٹ پر رابطہ ہو چکا تھا۔ میں نے فیری میڈوز آنے سے پہلے یاہو کے ٹریکنگ گروپ کی ویب سائٹ پر رحمت نبی کی ایک ای میل دیکھی تھی اور پھر کچھ مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے اسے جوابی میل کی تھی، جس کا اس نے جواب بھی دیا تھا۔
ہم رحمت نبی کی طرف بڑھ گئے۔ سلام دعا کے بعد اسے اپنا تعارف کرایا اور ای میل کا حوالہ دیا تو اس نے پہچان لیا اور خاصی گرمجوشی سے ملا۔ ہم نے اس سے کیبن کے کرائے بارے میں پوچھا تو اس نے کہا کہ یہ شعبہ عزیز کا ہے۔
’’عزیز صاحب کہاں ہیں ؟‘‘
’’ابھی بلاتا ہوں۔ ‘‘ اس نے کہا اور ہوٹل کے ایک ملازم کو عزیز کو بلانے کے لئے بھیج دیا۔ عزیز آیا تو طاہر نے اس سے مذاکرات کئے اور آٹھ سو روپے کے عوض ایک ہٹ کرائے پر لے لیا گیا جس میں ڈبل بیڈ موجود تھا، ایک بیڈ ایکسٹرا لگا دیا گیا۔ سامان کیبن میں رکھنے کے بعد سب سے پہلے نہانے کا پروگرام بنا۔ رائے کوٹ سرائے فیری میڈوز کا واحد ہوٹل تھا جس کے ایک باتھ روم میں گرم پانی کی عیّاشی میسّر تھی اور یہ سہولت تقریباً چوّن گھنٹوں کے بعد میسر آئی تھی۔ غسل کے بعد محسوس ہوا کہ پسینے کی بو کے ساتھ ساتھ تھکاوٹ بھی جسم سے دور ہو گئی ہے۔ طاہر اور عمر نے ابھی نہانا تھا اس لئے میں ایک بینچ پر بیٹھ گیا اور اطمینان سے اردگرد کا جائزہ لیا۔ میں نے کتابوں میں فیری میڈوز کے بارے میں بہت کچھ پڑھا تھا، لکھنے والوں نے لکھا ہے کہ فیری میڈوز کا لینڈ سکیپ پاکستان کا خوبصورت ترین لینڈ سکیپ ہے۔ یہاں کے سبزہ زاروں اور پھولوں کے تختوں کی مبالغہ آرائی کی حد تک تعریف کی گئی ہے۔ فیری میڈوز کا اردو ترجمہ ’’پریوں کا سبزہ زار ‘‘ یا ’’پرستان ‘‘ ہے اور پرستان اردو ادب میں خوبصورتی اور دلکشی کے لئے سکّہ بند تشبیہ ہے، پھر آخر کیا وجہ تھی کہ فیری میڈوز نے مجھے مایوس کیا۔ یہاں پہنچ کر کوئی ایکسائٹمنٹ نہیں ہوئی۔ یا توفیری میڈوز میں کوئی کمی تھی یا پھر میں ہی حُسنِ نظر سے محروم تھا۔ مجھے یاد تھا کہ پونی پوائنٹ پر لاہوری گروپ کے ایک رکن نے کہا تھا کہ فیری میڈوز پہنچنے کی مشقت اپنی جگہ۔۔ ۔ ۔ لیکن وہاں پہنچ کر آپ کی ساری تھکاوٹ دور ہو جائے گی۔۔ ۔ ۔ سب لوگ جھوٹ تو نہیں کہتے۔۔ ۔ ۔ کیا خبر میرا حسنِ نظر ہی گہنا گیا ہو۔ سوچتے سوچتے اچانک ہی مجھ پر انکشاف ہوا کہ یہ کوئی کمی نہیں بلکہ زیادتی تھی جس کی وجہ سے فر ی میڈوز کا حسن مانند پڑ گیا تھا اور یہ زیادتی فیری میڈوز کے چپے چپے پر موجود تھی۔ اس قدرتی سبزہ زار میں بنے ہوئے لکڑی کے کیبن انتہائی بد نما اضافہ تھے، جگہ جگہ گھاس چرتے ہوئے گھوڑے اور قدم قدم پر موجود ان کی لید اور لید سے اُٹھتی ہوئی بدبو اضافی تھے، اطمینان سے چہل قدمی کرتی بھیڑیں ، بکریاں اور گائیں اس منظر کا قدرتی حصہ نہیں تھے۔ ’’ فنتوری کوٹ ‘‘ نامی آبادی کی چمنیوں سے اٹھتا ہوا دھواں ثابت کر تا تھا کہ یہ پریوں کا نہیں انسانوں کا مسکن ہے۔ اِن عناصر کی افادیت اپنی جگہ لیکن۔۔ ۔ ۔ ۔
جو چمن کی حیات کو ڈس لے
اُس کلی کو ببول کہتا ہو ں
میں نے تصور میں ان تجاوزات کو فیری میڈوز کے مجموعے سے تفریق کر دیا تو۔۔ ۔ ۔ ۔ تو۔۔ ۔ ۔ ۔ جیسے دنیا ہی بدل گئی۔ فیری میڈوز کا حسن تو واقعی لازوال تھا … یہ تو خو د دعوت دیتا ہو گا کہ آؤ اور مجھے پیار کرو … اور پیار کرنے والے حد سے بڑھ گئے … فیری میڈوز کے ساتھ اجتماعی گینگ ریپ ہو گیا … اور اس کا سارا حسن برباد کر دیا گیا۔ اس ریپ کے بعد ہی اللہ تعالیٰ نے پریوں کو واپس بلا کر گھوڑوں اور بکریوں کو فیری میڈوز پر مُسلّط کر دیا … اس طرح فیری میڈوز سے فیری تو غائب ہو چکی تھی … چند سالوں بعد میڈوز کا بھی صفایا ہونے والا تھا۔ یہ حقیقت جان کر میرا دل بجھ گیا اور ایک اداسی مجھ پر طاری ہو گئی۔
رحمت نبی میری پاس آ کر بینچ پر بیٹھ گیا۔ چند لمحے کی خاموشی کہ بعد میں نے افسُردہ لہجے میں رحمت نبی سے پوچھا۔
’’رحمت صاحب فیری میڈوز میں دیکھنے کے لئے اور کیا ہے؟ ‘‘
’’فیری میڈوز تو بس یہی ہے … آپ جھیل دیکھ آئیں … جھیل سے کچھ آگے ہو آئیں … یا پھر ادھر کسی چوٹی پر تھوڑی سی کلائمبنگ کر لیں۔ ‘‘
’’کلائمبنگ تو ہم نہیں کر سکتے، جھیل کہاں ہے اور اُس کا کیا نام ہے؟ ‘‘
’’جھیل تھوڑا آگے ہے … پروٹیکٹڈ ایریا میں۔ ۔ ۔ ۔ اور یہ فیری میڈوز جھیل کہلاتی ہے کچھ لوگ اسے نانگا پربت جھیل بھی کہتے ہیں۔ ‘‘
’’اُسے تارڑ جھیل بھی کہتے ہیں ؟‘‘
’’جی نہیں … اکثر لوگ بڑی جھیل کو ہی تا رڑ جھیل سمجھ لیتے ہیں … لیکن تارڑ جھیل یہاں سے کچھ دور ایک اور چھو ٹی سی جھیل ہے جس میں نانگا پربت کا عکس نظر آتا ہے اور یہ بھی بہت خوبصورت منظر ہوتا ہے۔ ‘‘
’’پروٹیکٹڈ ایریا سے کیا مراد ہے ‘‘ ؟
’’فیری میڈوز کے ایک حصے کو باڑھ لگا کر محفوظ کر لیا گیا ہے، وہاں جانوروں کا داخلہ ممنوع ہے اور عمارت وغیرہ بنانے پر بھی پابندی ہے۔ ‘‘
مجھے خوشی ہوئی کہ فیری میڈوز کا کچھ حصہ ابھی باقی ہے۔
’’اور یہ پابندی کس نے لگائی ہے؟‘‘
’’مقامی لوگوں کا اپنا فیصلہ ہے، آپ اسے جرگے کا فیصلہ سمجھ لیں۔ ‘‘
رحمت نبی کی گفتگو میں ایک خاص قسم کا رکھ رکھاؤ تھا۔ چند منٹ پہلے میں نے دیکھا تھا کہ وہ پانی گرم کرنے والے ڈرم کے نیچے آگ جلا رہا تھا اور لکڑیاں سلگانے کے لئے گہرے سیاہ دھوئیں میں بیٹھا پھونکیں مار رہا تھا، اس پوز میں میں نے اس کی تصویر بھی بنائی تھی … لیکن اس کی گفتگو کا انداز اور لہجہ ظاہر کرتا تھا کہ وہ کوئی معمولی شخصیّت نہیں … میں نے اس کے بارے میں کچھ اور معلومات حاصل کیں تو حیران رہ گیا۔
یہ ٹریک اِس لحاظ سے منفرد تھا کہ اِس میں مجھے قدم قدم پر ایسی شخصیات ملیں جنہوں نے مجھے باقاعدہ ’’حریان‘‘ کر دیا۔ گی آر گے، عُثمان ڈار، نانگا پربت کی تسخیر کی داستان سُنانے والا گائیڈ(اُس کا نام مجھے بھول گیا)، الطاف خان اور اب یہ رحمت نبی!
رحمت نبی نے کراچی یونیورسٹی سے گریجوایشن کی ہوئی تھی اور سیاسیات اس کا خاص مضمون تھا۔ گریجوایشن کے بعد اس نے محکمہ سیاحت میں سروس کی اور فیلڈ آفیسر اور گائیڈ کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ اس طرح اسے شمالی علاقہ جات کے مسائل کو سمجھنے کا موقع ملا اور اس نے اِن علاقوں میں بہتری لانے کا عزم کر لیا۔ سرکاری ملازمت کی پابندیاں اس کے عزائم کی راہ میں رکاوٹ بننے لگیں تو اس نے ملازمت کو خیرباد کہہ کر فیری میڈوز میں رائے کوٹ سرائے کے نام سے ریسورٹ قائم کر لیا۔ یہاں اسے مختلف ممالک کے کوہ پیماؤں اور کوہ نوردوں سے ملاقات کا موقع ملا۔ اِس شناسائی کے نتیجے میں ۱۹۹۴ء میں اسے ایک نادر موقع ملا، یہ تھا آسٹریا کی برسلَز یونیورسٹی کا سکالر شپ۔۔ ۔ ۔ جہاں سے اُس نے ٹورسٹ منیجمنٹ میں ماسٹرز کیا۔ وطن واپسی پر اُس نے علاقے میں ٹورسٹ ڈویلپمنٹ اور بحالی ماحولیات پر خاصا کام کیا، اور پروٹیکٹڈ ایریاز کا نظام متعارف کرایا۔ حکومتی سطح پر بھی اس کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اسے ناردن ایریاز ڈیویلپمنٹ بورڈ کا ممبر منتبی کر لیا گیا۔ رحمت نبی کو اپنے علاقے میں ایکLegend شخصیت کا رتبہ حاصل ہے۔
رحمت نبی فیری میڈوز کا ہی رہنے والا ہے، اس نے اس مٹی کا قرض چکانے کا بیڑا اٹھایا ہے جس سے اس کا خمیر اُٹھا تھا … اور مٹی کا قرض اتارنے کی خواہش رکھنے وا لے لوگ عظیم ہوتے ہیں اور خال خال نظر آتے ہیں۔
رحمت نبی کا کاروبار کافی پھیلا ہوا ہے۔ وہ کئی جیپوں اور خچروں کا مالک ہے۔ وہ ایک ٹورسٹ ایجنسی کا مالک ہے جس کا ہیڈ آفس گلگت میں ہے۔ یہ ایجنسی غیر مُلکی کوہ نوَردوں اور کوہ پیماؤں کے لئے ٹور پلان کرتی ہے اور اُنکا مکمّل انتظام بھی کرتی ہے۔ فیری میڈوز میں صرف رائیکوٹ سرائے ہی ایسا ہوٹل ہے جو ہر وقت آباد رہتا ہے، ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی اکثریت یہیں قیام کرتی ہے۔ وہ اپنے علاقے کا ایک متموّل شخص اور اہم سماجی شخصیت ہے … اور۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور رحمت نبی خود آگ جلاتا ہے۔۔ ۔ ۔ کرسیاں اور میزیں ترتیب سے رکھتا ہے، پانی کے پائپوں کی خود ہی مرمت کرتا ہے، کھانا پکا بھی لیتا ہے اور سرو بھی کر دیتا ہے حالانکہ رائے کوٹ سرائے میں ملازمین کی کمی نہیں۔ ۔ ۔ ۔ خدمت میں عظمت کا چلتا پھرتا ثبوت دیکھنا چاہیں تو فیریمیڈوز آ کر رحمت نبی کو دیکھ لیں۔
طاہر اور عمر نہا کر آ گئے تو ہم فیری میڈوز کو ایکسپلور کرنے نکلے۔ جھیل تک جا نے والا راستہ پگڈنڈی کی شکل میں ہے اور جھیل تک پہنچنے کے لئے ایک حفاظتی باڑھ کو پھلانگنا پڑتا ہے۔ جھیل چھوٹی سی ہے لیکن اس کی خوبصورتی میں کلام نہیں۔ پانی اتنا شفاف ہے کہ تہہ میں موجود کنکر اور سبزہ صاف نظر آتے ہیں اور ایسا لگتا ہے جیسے جھیل سیّال شیشے سے بھری ہوئی ہے جس میں ارد گرد کے درختوں کا عکس نظر آتا ہے۔ جھیل کی سطح اتنی شفاف تھی کہ اس میں پتے یا گھاس پھینکنا گناہ کے مترادف تھا … اور مجھے یاد آ گیا کہ میں نے یہ گناہ ہوتے ہوئے دیکھا تھا۔ گزشتہ سا ل ایک ٹی وی چینل کی ٹیم اس جھیل تک آئی تھی، انہوں نے جھیل کے لئے کوئی نام تجویز کیا تھا۔ جھیل کا نام رکھنے کا جشن انہوں نے اِس میں گھاس پھوس، پتّے اور پتھّر پھینک کر منایا تھا۔ میں نے یہ سب کچھ ٹی۔ وی پر دیکھا تھا اور اُس وقت بھی اس حرکت پر سخت غصہ آیا تھا … اِس وقت جھیل کی شفّاف سطح دیکھ کر مجھے یہ بات سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ اِسے آلودہ کر کے جشن منانے کا کیا تُک تھا؟ہم تینوں تو اس میں پھول پھینکنے کا بھی تصوّر نہیں کر سکتے تھے۔
جھیل کے کنارے سبزے کے فرش پر ہم نے کچھ دیر آرام کیا … تصویریں بنائیں … اور آگے روانہ ہو گئے۔ ایک چھوٹی سی پہاڑی ندی ہمارے را ستے میں آئی، یہ راستے سے ذرا ہٹ کے تھی لیکن ہم بھی راستے سے ہٹ گئے، پائنچے چڑھا کر اور جوگر اتار کر اسے عبور کیا۔ پانی انتہائی ٹھنڈا تھا لیکن ندی کا پاٹ زیادہ چوڑا نہیں تھا اور پانی بھی ذرا شرافت سے بہہ رہا تھا اِس لئے کافی اِنجوائے کیا۔
طاہر اور عمر کو بھوک لگ آئی تھی اور انہوں نے واپسی کے لئے اصرار شروع کر دیا جبکہ میرا خیال تھا کہ کچھ اور آگے چلیں۔ وہ رضامند نہ ہوئے اور واپس ہو گئے … میں نے اپنا سفر جاری رکھا اور یہ فیصلہ ٹھیک ہی رہا۔ آگے کافی خوبصورت مناظر تھے اور ظاہر ہے ہم فیری میڈوز مناظر دیکھنے ہی تو آئے تھے، لنچ تو کہیں بھی کیا جا سکتا تھا۔ چاروں طرف برف پوش چوٹیاں تھیں اور راستے کے دائیں جانب خاصی گہری گھاٹی تھی۔ مجھے درست طور پر علم نہ تھا کہ یہ کونسی چوٹیاں ہیں۔ کچھ دیر بعد میں ایک ننّھی مُنّی جھیل تک پہنچا جو غالباً تارڑ جھیل تھی اور اس کا صاف و شفاف پانی نانگا پربت کی تصویر لے رہا تھا جس کی کمپوزنگ ہماری بنائی ہوئی کسی بھی تصویر کی کمپوزنگ سے ہزار درجہ بہتر تھی۔ میں نے اس منظر کو کیمرے میں محفوظ کر لیا، بعد میں طاہر اور عمر کو خاصا افسوس ہوا کہ وہ اس خوبصورت منظر تک کیوں نہیں گئے تھے۔ میں سوچ رہا تھا کہ کیوں نہ اس راستہ پر سفر کرتے ہوئے، پہاڑی کے گرد سے گھوم کر مخالف سمت سے رائے کوٹ سرائے میں داخل ہوا جائے۔ ایک مقامی شخص سے اس بارے میں معلومات حاصل کیں تو اس نے بتایا کہ یہ ممکن تو ہے لیکن وقت بہت لگے گا اور راستہ بھی انتہائی دشوار گزار ہے۔ جس راستے کو مقامی لوگ مشکل سمجھتے ہوں اُس پر قدم رکھنے کے لئے بہت سی ہمّت کی ضرورت تھی۔۔ ۔ ۔ جو مُجھ میں نہیں تھی، چنانچہ میں نے یہ ارادہ ترک کیا اور واپس ہو لیا۔ طاہر اور عمر ابھی تک جھیل پر موجود تھے اور فوٹو گرافی کر رہے تھے۔ ہم تینوں اکھٹے ہی واپس ہوئے۔ پروٹیکٹڈ ایریا کے طور پر محفوظ کیا گیا حصہ فیری میڈوز کی بقا کا ضامن بن سکتا ہے ورنہ انسانی ہاتھوں کی تباہ کاری اس قدرتی پینوراما کے لئے شدید خطرے کا باعث ہے۔ رائے کوٹ سرائے کے ارد گرد کے علاقے کو بھی اگر پروٹیکٹڈ ایریا قرار دے دیا جائے تو فیری میڈوز کے حسن میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے لیکن اس کے لئے وہاں پر موجود ’’فنتوری کوٹ‘‘ نامی گاؤں کو بھی منتقل کرنا پڑے گاجو مقامی لوگوں کے لئے شدید مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ اس قسم کی منصوبہ بندی کے لئے وقت اور دلچسپی کی ضرورت ہے جبکہ حکومتِ پاکستان کے پاس اتنا وقت نہیں جسے اس ’’فضول‘‘ مشغلے میں صرف کیا جا سکے۔ فی الوقت فیری میڈوز کے معاملات ایک مخصوص مقامی گروپ کے ہاتھوں میں ہیں ، جسے طنزاً ’’نانگا پربت مافیا‘‘ کہا جاتا ہے۔ رائے کوٹ پل سے جیل گاؤں تک نو کلو میٹر سفر کے لئے جیپ کا کرایہ تین ہزار روپے مقرر کرنا اور جیپ ٹریک کو جیل گاؤں تک محدود کر دینا اسی مافیا کا کارنامہ ہے۔ مجھے علم ہوا کہ صرف تین سال پہلے جیپ ٹریک فیری میڈوز تک آتا تھا اور جیپ کا کرایہ پانچ سو روپے تھا، اب جیپ پندرہ کے بجائے نو کلو میٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے جبکہ کرائے میں چھ گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اگر فیری میڈوز کے مسائل پر مناسب توجہ نہ دی گئی تو وہ وقت دور نہیں جب فیری میڈوز صرف اور صرف ’’ فنتوری کوٹ‘‘ بن کر رہ جائے گا اور آپ کو علم ہے کہ فنتوری کا مطلب کیا ہے؟
فنتوری کا مطلب ہے ’’مروڑی ہوئی مونچھ‘‘
پریوں کے مسکن کے بجائے تاؤ دی ہوئی مونچھ پر چڑھنا کون پسند کرے گا؟
٭٭٭
{تم میری تصویر لے کر کیا کرو گے}
رائے کوٹ سرائے پہنچ کر عمر کھانے کا آرڈر دینے چلا گیا اور فوراً ہی منہ لٹکا کر واپس آ گیا کیونکہ آٹھ بجے تک کھانا ملنے کا کوئی امکان نہیں تھا۔ عزیز نے اسے بتایا کہ یہاں پر کھانا تیار نہیں ملتا، اگر ہم جاتے ہوئے آرڈر دے جاتے تو اب تک کھانا بن چُکا ہوتا، فی الوقت غیر ملکی گروپ کے لئے کھانا تیّار کیا جا رہا تھا جو سات بجے سرو ہوتا، اس کے بعد ہماری باری آتی۔ میں نے پوچھا کہ اس وقت کیا مل سکتا ہے، پتہ چلا کہ پیپسی اور ویجیٹیبل سوپ!
’’دونوں ہی منگا لو۔ ‘‘ میں نے عمر کو مشورہ دیا۔
’’یار یہ کون سا کمبی نیشن ہے۔۔ ۔ ۔ یا تو سوپ لے لو یا پھر پیپسی۔ ‘‘ طاہر نے دخل اندازی کی۔ ’’بلکہ صرف پیپسی پر گزار اکرو تو بہتر ہے، سوپ میں یہ لوگ پتہ نہیں کونسی اور کیسی سبزیاں ڈالتے ہوں گے؟‘‘
’’سبزیوں کا میں نے پتہ کر لیا ہے اِس وقت صرف بند گوبیا اور گاجر ہے، لیکن۔۔ ۔ ۔ چلیں۔ ۔ ۔ ۔ ٹھیک ہے۔۔ ۔ ۔ صرف پیپسی منگوا لیتے ہیں۔ ‘‘ عمر نے طاہر سے اختلاف کا خطرہ مول نہ لیا۔
’’ کمبی نیشن کون دیکھتا ہے؟‘‘ میں نے کہا۔ ’’پیاس لگی ہے ؟۔۔ ۔ پیپسی پی لو۔۔ ۔ اور بھوک بھی لگ رہی ہے؟ … سوپ بھی پی لو۔ ‘‘
’’لوگ کی کیہن گے؟‘‘ طاہر جھلّاہٹ میں پنجابی پر اُتر آتا ہے۔
’’کونسے لوگ؟‘‘ میں نے حیرانی سے کہا۔ ’’یہاں کون ہے مذاق اڑانے والا ؟‘‘
’’ ہوٹل والے ہمیں پینڈو سمجھیں گے، ایٹی کیٹ سبھی کوئی چیز ہوتی ہے۔ ‘‘
’’ہوتی ہو گی! فی الحال ایٹی کیٹس کو رحمت نبی کے حوالے کرو تاکہ وہ انہیں چولہے میں جھونک دے۔ ‘‘ میں نے ڈرم کے نیچے جلتی آگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لاپرواہی سے کہا۔ ’’میں تو دونوں چیزیں پیوں گا۔ ‘‘
عمر سے پوچھا گیا تووہ بیچارہ مخمصے میں پڑ گیا۔ دونوں چیزیں کہتا تو ایٹی کیٹس ہاتھ سے جاتے تھے … اور پیپسی پر اکتفا کرتا تو سُوپ سے محروم رہ جاتا … اس نے چند لمحے سوچا۔۔ ۔ اور طاہر سے نظریں چرا تے ہوئے کہا کہ وہ بھی دونوں چیزیں پئے گا … طاہر نے پیپسی کو ایٹی کیٹس پر قربان کر دیا اور صرف سوپ پر اکتفا کیا … اور یہ سوپ کیا تھا؟۔۔ ۔ ۔ گرم پانی میں بند گوبھی کے دویا تین پتے تیر رہے تھے۔۔ ۔ ۔ گاجروں کا رنگ تو نظر آ رہا تھا وہ خود ندارد تھیں … گاجر کے کسی ٹکڑے کو پکتے ہوئے سوپ میں غوطہ دے کر باہر نکال لیا گیا تھا، لوازمات البتہ پورے تھے، ٹومیٹو ساس، چلی ساس، سویا ساس، سرکہ، کالی مرچ اور نمک کا ملغوبہ بہت چٹپٹا اور لذیذ لگا کیونکہ ہمارے منہ کا ذائقہ کافی خراب ہو چکا تھا۔ تیز قسم کے بارہ مصالحے والے اس خود ساختہ ذائقے نے ہمارا موڈ کافی بہتر کر دیا۔ پیپسی ہم نے آہستہ آہستہ اور کنکھیوں سے طاہر کی جانب دیکھتے ہوئے پی جسے غالباً ایٹی کیٹس کی سرِ عام تذلیل پر سخت غصہ آ رہا تھا۔
رائے کوٹ سرائے کی کیمپنگ سائٹ کا سبزہ زار اب آہستہ آہستہ آباد ہو رہا تھا۔ بنچوں اور کرسیوں پر کئی غیر ملکی جوڑے براجمان ہو چکے تھے۔ ایک جوڑا ہمارے پاس پڑے ہوئے بینچ پر آ کر بیٹھ گیا اور تاش کی بازی جمالی۔ ہم تینوں ان کا کھیل دیکھنے کے لئے ان کی طرف چلے گئے۔ مرد نے مسکرا کر ہمیں ہیلو کہا، ہم نے جواب دیا۔ ان کی گیم ہماری سمجھ میں نہ آ سکی۔ بازی ختم ہوئی تو انہوں نے تاش کی گڈی سمیٹ کر ایک طرف رکھ دی۔
’’سوری سَر۔ ‘‘ طاہر نے ذرا شرمندگی سے کہا۔ ’’ہم تو آپ کا کھیل دیکھنے آئے تھے، ہم مخل ہوئے تو واپس چلے جاتے ہیں آپ اپنا کھیل جاری رکھیں۔ ‘‘
’’ اوہ … نو … ہم یہاں کارڈ کھیلنے کے لئے نہیں آئے، یہ تو تھوڑا سے وقت گزارنے کا بہانہ ہے … آپ تشریف رکھیں۔‘‘
اور ہم نے تشریف رکھ دی۔
تعارف پر معلوم ہوا کہ اُس کا نام جی۔ جی۔ اے ہے اور وہ فرانسیسی ہے۔ پورا نام بتانا شاید اس نے مناسب نہیں سمجھا۔ اس کی ساتھی کا نام ارے بیل تھا، کم از کم مجھے تو یہی سمجھ آیا۔
’’ارے بیل کی بجائے اری گائے ہوتا تو زیادہ مناسب تھا۔ ‘‘ عمر نے اردو میں تبصرہ کیا۔
خاتون کے چہرے پرلا تعلّقی اور بیزاری کی جھلک تھی۔
’’آپ کو پاکستان کے لوگ کیسے لگے؟ ‘‘ میں نے جی جی اے سے پوچھا۔
اس نے کوئی جواب نہ دیا اور اپنی ساتھی کی طرف دیکھا۔ میں سوالیہ نظروں سے اسے دیکھ رہا تھا۔ اُس کی ساتھی نے جھجکتے ہوئے کہا۔ ’’اس کا جواب آپ کو پسند نہیں آئے گا۔ ‘‘
’’کو ئی بات نہیں آپ بلا جھجک بتائیں۔ ‘‘
’’پاکستان میں جہاں بھی جاؤ … کوئی نہ کوئی ہاتھ پھیلائے مانگنے چلا آتا ہے، جس سے مجھے سخت کوفت ہوتی ہے۔ ‘‘
’’اور آپ پاکستان میں کہاں کہاں گئے ہیں ؟‘‘
اس نے شمال کے چند علاقوں کے نام بتائے۔
’’آپ درست کہہ رہے ہیں ، لیکن ان علاقوں میں غربت بہت زیادہ ہے اور یہاں کا موسم اتنا شدید ہے کہ لوگ سال میں صرف چار پانچ ماہ ہی کام کر سکتے ہیں۔ محنت مزدوری کر کے وہ لوگ بقیہ سال کے لئے کھانا ذخیرہ کر لیتے ہیں ، آپ نے دیکھا ہو گا کہ بچے ہی زیادہ ہا تھ پھلاتے ہیں ، جبکہ بڑے محنت مزدوری کر رہے ہوتے ہیں۔ ‘‘
’’ٹھیک ہے! لیکن اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ ہر بچہ بھکاری بن جائے، میں نے اب تک کوئی ایسا بچہ نہیں دیکھا جو میرے پاس سے گزرا ہو اور اس نے ڈالرز نہ مانگے ہوں۔ ‘‘
ہمارے پاس خجالت آمیز خاموشی کے سوا کوئی چارہ نہ تھا کیونکہ اس کی یہ بات درست تھی۔
’’چلیں یہ تو ہوا ایک پہلو، کوئی اور بات؟‘‘
’’یہاں کی خواتین بہت تنگ نظر اور سخت مزاج ہیں۔ ‘‘
’’کیا مطلب؟ ‘‘
’’ میرا مطلب ہے کہ ہم کسی خاتون سے بات نہیں کر سکتے۔ ‘‘
’’یہ ہمارا کلچر ہے۔ ‘‘
’’لیکن یہ تو بہت سخت کلچر ہے۔ ‘‘ اس نے احتجاجاً کہا۔ ’’اس وقت یہاں بہت سی غیر پاکستانی خواتین موجود ہیں جن سے آپ بلا تکلّف بات چیت کر سکتے ہیں اور کریں گے، کوئی اعتراض نہیں کرے گا، پاکستانی تو مار دھاڑ پر اتر آتے ہیں۔ ‘‘
’’ہماری اپنی مذہبی اور سماجی روایات ہیں ، لیکن آ پ پاکستانی خواتین سے بے تکلف کیوں ہونا چاہتے ہیں۔ ‘‘ طاہر نے قدرے شرارت سے کہا۔
’’ میں ہر گز بے تکلف نہیں ہونا چاہتا … لیکن دیکھیں ناں۔ ۔ ۔ ہم اپنے ملک سے ٹورسٹ کے طور پر آئے ہیں تو صرف زمین کی سطح تو دیکھنے نہیں آئے۔ تہذیب و تمدن سے آگاہی بھی ہمارا مقصد ہے جس کے لئے مختلف لوگوں سے گفتگو کرنا پڑتی ہے اور ان میں خواتین بھی شامل ہیں … اور مجھے یہ بات سمجھ نہیں آئی کہ اس میں آخر نقصان کیا ہے … اگر ارے بیل نے آپ سے کچھ گفتگو کر لی تو میرا کیا نقصان ہو گیا؟کیا یہاں کی عورتیں اتنی ہی ناقابلِ اعتبار ہیں کہ بات چیت کرنے سے ہی ان کے گمراہ ہونے کے خدشہ ہے۔ ‘‘ اس کے لہجے میں غیر ارادی تلخی شامل تھی۔
اِسکی یہ بات خاصی سخت تھی، مجھے غصہ آ گیا۔ لیکن تبادلہ خیالات میں کڑوی کسیلی باتیں تو برداشت کرنا ہی پڑتی ہیں۔ مغرب اور مشرق کی سماجی روایات میں زمین آسمان کا فرق ہے اور اس کی سمجھ میں یہ باتا ہی نہیں سکتی تھی کہ معاملہ صرف سماجی اور معاشرتی اقدار کا نہیں … بلکہ مذہب کا ہے۔ ہمارا مذہب مرد اور عورت کے آزادانہ اختلاط پر پابندی لگاتا ہے … تو بس یہ پابندی ہے۔۔ ۔ ۔ نفع نقصان اللہ تعالیٰ بہتر سمجھتا ہے۔۔ ۔ ۔ ہمیں تو خدائی احکامات پر عمل کرنا ہے … اور ہمارا ایمان ہے کہ ان احکامات پر عمل پیرا ہونے میں ہی ہماری نجات ہے … اور یہی ہمارے لئے نفع بخش ہیں۔ لیکن اتنی لمبی چوڑی بحث اس گورے کے ساتھ نہیں کی جا سکتی تھی۔ مذہب کے بارے میں کوئی غلط بات اُس کے منہ سے نکل جاتی تو معاملہ بگڑ بھی سکتا تھا۔
’’آئی ایم رئیلی سوری۔ ‘‘ ہمیں خاموش دیکھ کر اس نے کہا۔ ’’میرا خیال ہے کہ میں کچھ زیادہ کہہ گیا ہوں ، سیدھی سی بات ہے اگر ہمیں یہ کلچر پسند نہیں تو ہمیں یہاں نہیں آنا چاہئے۔ ہم اپنی مرضی سے آئے ہیں … کسی نے ہمیں مجبور تو نہیں کیا … اور جب ہم روم جاتے ہیں تو ہمیں وہی کرنا چاہئے جو رومن کرتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ویسے کیوں نہ ہم موضوع بدل دیں ؟ کرنے کے لئے اور بہت سی باتیں ہیں۔ ‘‘
’’مثلاً؟‘‘ میں نے کچھ سکون محسوس کیا۔
’’آپ لوگ کیا کرتے ہیں ؟‘‘
’’میں ڈاکٹر ہوں میرا نام اقبال ہے … یہ طاہر ہے ہومیو پیتھک ڈاکٹر ہے اور ایک فارمیسی بھی چلاتا ہے۔۔ ۔ ۔ جبکہ عمر ہسپتال میں الیکٹرانک لائبریری کا انچارج ہے۔ ‘‘ میں نے قدرے مبالغہ آرائی کی کیونکہ الیکٹرانک لائبریری صرف ایک فرسودہ کمپیوٹر اور چند آؤٹ آف ڈیٹ جرنلز پر مشتمل تھی اور عمر خود اپنا ہی انچارج تھا۔
’’آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ میرا تعلق انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ہے اور میں اپنے ملک کے جغرافک انفارمیشن سسٹم کے شعبۂ کمپیوٹر کا انچارج ہوں۔ ‘‘
’’پھر تو آپ کی غیر موجودگی میں فرانس کا جغرافیہ متاثر ہو سکتا ہے۔ ‘‘
’’نہیں ایسی کوئی بات نہیں۔ ‘‘ وہ ہنسنے لگا۔ ’’ہر سال ڈیڑھ ماہ کے لئے چھٹی مل جاتی ہے جسے میں آوارہ گردی میں گزارتا ہوں۔ ‘‘
’’اور آپ کی مسز؟‘‘ میں نے اریبیل کی طرف اشارہ کیا۔
’’یہ میری وائف نہیں ، میری ساتھی ہیں اور ایک بیوٹی پارلر چلاتی ہیں۔ ہم چھٹیاں اکٹھے ہی گزارتے ہیں۔ ‘‘
مجھے ایک شاک سا لگا، وہ ایک دراز قامت، خوش شکل اور وجیہہ مرد تھا جبکہ ارے بیل خاصی پست قامت اور ’’ماٹھی‘‘ شخصیت کی مالک تھی، اسے تو خود ہر وقت بیوٹیشن کی ضرورت رہتی ہو گی۔ سفر ی ساتھی کے طور پر اس کا انتخاب حیران کن تھا … اسی لئے تو انہیں وقت گزارنے کے لئے تاش کھیلنے پڑتے تھے۔۔ ۔ ۔ لیکن یہ اُنکا نجی معاملہ تھا، میں نے مزید کوئی سوال کرنا مناسب نہ سمجھا۔
’’کیا آپ کو معلوم ہے کہ نانگا پربت دنیا میں سب سے تیزی سے بڑھنے والا پہاڑ ہے؟‘‘ جی جی اے نے ایک مرتبہ پھر ٹاپک بدل دیا۔
’’ کیا مطلب ؟پہاڑ بڑھتے بھی ہیں ؟‘‘ عمر نے حیرانی سے پوچھا۔ عمر اٹک اٹک کر اور گزارے کے لائق ٹوٹی پھوٹی انگلش سے کام چلا لیتا تھا۔ جی جی اے نے اس کی بات سمجھ لی۔
’’بالکل بڑھتے ہیں ، نانگا پربت کے قد میں ہر سال سات ملی میٹر اضافہ ہو جاتا ہے۔ ‘‘
’’مجھے یقین نہیں آ رہا۔ ‘‘ میں نے بے یقینی سے کہا۔ ’’اس کا قد بڑ ھ رہا ہے؟ کیا یہ کوئی بچہ ہے جو جوان ہو رہا ہے؟‘‘
’’ یہ واقعی بچہ ہے آپ کی اطلاع کے لئے عرض ہے کہ یہ عمر کے لحاظ سے طفل شیر خوار ہے۔ ‘‘
’’پہاڑوں کی عمریں ہوتی ہیں ؟ان کا قد بھی بڑھتا ہے؟ … کیا کہیں ان کا برتھ ریکارڈ موجود ہے … یا آپ ہمیں بے وقوف بنا رہے ہیں ؟‘‘
’’اور میرا خیال ہے کہ اِن معلومات سے لاعلمی کا اظہار کر کے آپ مجھے بیوقوف بنا رہے ہیں … نانگا پربت کے بارے میں یہ تحقیق ایک پاکستانی نے ہی تو کی ہے۔ اس کے ریسرچ ورک پر بین الاقوامی معیار کی ڈاکومینٹری فلم بھی بن چکی ہے، جس نے کئی ایوارڈ حاصل کئے تھے۔ ‘‘
’’مجھے افسوس ہے کہ میں اس بارے میں باقاعدہ جاہل ہوں۔ زمانہ طالبعلمی میں بھی میں جغرافیہ سے ہمیشہ دور بھاگتا رہا۔ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ پہاڑوں کا قد کیسے بڑھتا ہے؟‘‘
’’ ڈاکٹر صاحب مجھے بھی جغرافیہ سے کوئی دلچسپی نہیں اور ہم یہاں جغرافیہ پڑھنے نہیں آئے ہیں۔ ‘‘ طاہر نے مجھے ٹوکتے ہوئے کہا۔
’’بلکہ جغرافیہ دیکھنے آئے ہیں۔ ‘‘ عمر نے تصحیح کی۔
’’جو دیکھنے آئے ہیں اس کے بارے میں جاننا بھی ضروری ہے۔ ‘‘
’’ابھی تو آپ کہہ رہے تھے آپ کو جغرافیہ سے کوئی دلچسپی نہیں۔ ‘‘ جی جی اے نے مسکراتے ہوئے کہا۔
’’معلوماتِ عامہ سے تو ہے۔ ‘‘
’’لیکن ان معلومات کا تعلق خالص جغرافیہ سے ہے … خیر میں آسان الفاظ میں بتانے کی کوشش کرتا ہوں۔ ماہرینِ ارضیات کا نظریہ ہے کہ زمین دراصل پانی کے ایک بہت بڑے گولے کی شکل میں موجود ہے جس پر جا بجا خشکی کے پیوند لگے ہیں۔ ‘‘
’’ جس طرح فٹ بال پر مختلف رنگوں کے چمڑے کے ٹکڑے جڑے ہوتے ہیں۔ ‘‘ عمر نے لقمہ دیا۔
’’یس یس … آپ نے بہت اچھی مثال دی ہے۔ سمجھ لیں دنیا ایک نیلے رنگ کے فٹبال کی مانند سمجھی جاتی تھی جس میں کہیں کہیں مٹیالے رنگ کے ٹکڑے جڑے ہوئے ہوں۔ ‘‘
’’آپ تھی کیوں کہہ رہے ہیں کیا اب ایسا نہیں ہے ؟‘‘
’’اب بھی ایسا ہی ہے … … لیکن شکل قدرے بدل گئی ہے، شروع میں ہر براعظم ایک ٹکڑے کی شکل میں تھا، اور یہ خطہ جسے آپ برّ صغیر کہتے ہیں ایک الگ تھلگ ٹکڑا تھا جیسے انڈین پلیٹ کا نام دیا گیا۔ یہ انڈین پلیٹ آہستہ آہستہ ایشین پلیٹ کی طرف حرکت کرتی رہی، بالآخر اِسکا ایک کنارہ ایشین پلیٹ کے نیچے گھس گیا … اور ایشین پلیٹ کا کنارہ اوپر کی طرف اٹھنا شروع ہو گیا … اور یہ ایک عظیم پہاڑی سلسلے کی صورت میں اوپر اٹھتا گیا جسے ہمالیہ کہتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ نانگا پربت اِسی سلسلے کا انتہائی مغربی حصہ ہے۔ ‘‘
’’یعنی اگر انڈین پلیٹ حرکت نہ کرتی تو یہ خطہ ایک مستقل براعظم ہوتا؟‘‘
’’بالکل … بالکل … اور اسی لئے اِسے Subcontinentکہا جاتا ہے۔ دنیا کا کوئی اور خِطّہSubcontinentنہیں کہلاتا … اور مغربی کنارے پر انڈین پلیٹ کی یہ حرکت ابھی جاری ہے، اس طرح نانگا پربت ہر سال سات ملی میٹر اونچا ہو جاتا ہے۔ ‘‘
میں چند ثانئے ان معلومات کو ذہن نشین کرنے کی کوشش کرتا رہا اور جب بات میری سمجھ میں آ گئی تو میں نے پوچھا :
’’اگر یہ انڈین پلیٹ واپس اپنی جگہ پر چلی جائے تو نانگا پربت ختم ہو جائے گا … اور شاید ریزہ ریزہ ہو کر بکھر جائے؟‘‘
’’نانگا پربت کیوں ؟ پورا کا پورا ہمالیائی سلسلہ ختم ہو جائے گا، لیکن انڈین پلیٹ واپس کیسے چلی جائے گی؟‘‘
’’جیسے یہ آگے بڑھی تھی۔۔ ۔ ۔ جو طاقت اسے ایشین پلیٹ کی طرف بڑھنے پر مجبور کر سکتی ہے وہ اسے واپس کیوں نہیں لا سکتی؟ … سبحان اللہ! سب تعریفیں اللہ کے لئے ہیں جو خشکی اور تری دونوں کا مالک ہے۔ ‘‘
’’میں نہیں سمجھا آپ کیا کہنا چاہتے ہیں۔ ‘‘
’’میں اس اللہ کی تعریف کر رہا ہوں جس پر ہمارا ایمان ہے … اور اس نے چودہ سو سال پہلے اپنی کتا ب میں اس حقیقت کو بیان کیا تھا جسے آپ جدید تحقیق کہہ رہے ہیں۔ ہماری مذہبی کتاب میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ’’تم پہاڑوں کو دیکھتے ہو اور سمجھتے ہو کہ یہ سختی سے جمے ہوئے ہیں … مگر وہ چل پڑیں گے، وہ اسی طرح چلیں گے جیسے بادل چلتے ہیں۔ ‘‘
’’یہ تمہاری مذہبی کتاب میں لکھا ہے؟‘‘
’’بالکل … اور میں سمجھتا ہوں جو کچھ تم نے مجھے سمجھایا ہے یہ کلام اللہ کی بہترین تشریح ہے۔ جو چیز جس انداز میں جوڑی جاتی ہے اُسے اسی طرح سے کھولا جاتا ہے، اگر انڈین پلیٹ کو ایشین پلیٹ سے جوڑا جا سکتا ہے تو سے جدا کیوں نہیں کیا جا سکتا ؟ اللہ تعالیٰ نے مزید فرمایا کہ یہ پہاڑ لمحہ بھر میں ریزہ ریزہ ہو جائیں گے، ان کا نشان مِٹ جائے گا، زمین ہموار ہو جائیگی … اب تم خود سوچو کہ اگر انڈین پلیٹ واپسی کا سفر شروع کر دے تو کیا ایسا ہی نظارہ نہیں ہو گا؟‘‘
’’ میں سخت حیران ہوں اور میری سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا۔ ‘‘
’’فرانسیسی زبان میں بہت عرصہ پہلے قرآن مجید کا ترجمہ ہو چکا ہے … وقت ملے تو اسے ضرور پڑھنا … تمہاری سمجھ میں بہت کچھ آ جائے گا … تم اسے پڑھو گے تو ایسی ایسی حقیقتیں منکشف ہوں گی کہ تمہاری عقل دنگ رہ جائے گی۔ ‘‘
’’میں کوشش کروں گا۔ ‘‘ اس نے بے خیالی سے کہا۔
’’اچھا یہ تو رہا قد بڑھنے کا معاملہ۔۔ ۔ ۔ اور وہ ایج کا کیا مسئلہ ہے؟‘‘
’’ایج سے آپ کی مراد عمر ہے تو یہ بالکل ٹھیک ہے اسے کوئی مسئلہ نہیں۔ ‘‘ طاہر نے جھلائے ہوئے انداز میں دخل اندازی کی۔ ’’اور خدا کے لئے آپ بھی سدھر جائیں۔ ۔ ۔ ۔ کیا سارا جغرافیہ ابھی پڑھ لیں گے؟ یہ ساری باتیں آپ واپس جا کر کسی بھی کتاب سے پڑھ لینا۔ ‘‘
عمر کے چہرے پر بھی سخت بزھاری کی کیفیت تھی۔ میں نے یہی مناسب سمجھا کہ جغرافیہ دانی کا یہ باب فی الحال بند کر دیا جائے ورنہ یہ دونوں ناراض ہو جائیں گے۔
’’چلو ٹھیک ہے، نہیں پڑھتے جغرافیہ، پھر اب ہم لوگ کیا کریں گے ؟‘‘
’’ اب ہم کچھ فوٹو گرافی کریں گے … پرسوں جب ہم یہاں پہنچے تو آپ اِسی جگہ پر بُت بن کر کھڑے ہو گئے تھے اور اس منظر کی شان میں زمین و آسمان کے قلابے ملاتے رہے تھے … واہ!۔۔ ۔ کیا خوبصورت منظر ہے !۔۔ ۔ ۔ ۔ سیدھا دل میں اُترا جاتا ہے! …۔ نانگا پربت کا سحر انسان کو پتھر بنا دیتا ہے! … اور پتہ نہیں کیا کیا … اور آج آپ اسے لفٹ ہی نہیں کرا رہے … سورج آہستہ آہستہ ڈھل رہا ہے۔۔ ۔ ۔ کچھ دیر بعد نانگا پربت اندھیروں میں گم ہو جائے گا … اور پھر پتہ نہیں ہم اسے دیکھیں گے بھی یا نہیں۔ ۔ ۔ ۔ کیونکہ کل ہم یہاں سے روانہ ہو جائیں گے۔ ‘‘
طاہر نے باقاعدہ لیکچر دے ڈالا، لیکن وہ درست کہہ رہا تھا۔ رائے کوٹ سرائے کی کیمپنگ سائٹ ایک بہترین پکچر پوائنٹ ہے جہاں جنگل، پہاڑ اور گلیشیئر اس خوبصورت انداز میں نظروں کے سامنے ہوتے ہیں کہ ایک ایسے فوٹو گراف کا گُمان ہوتا ہے جس کی کمپوزنگ قدرت نے خود کر دی ہو اور آپ کے ذمّے صرف کیمرے کا بٹن دبانا ہو۔
ہم نے چند تصاویر بنائیں۔ میں عمر کی تصویر بنا رہا تھا کہ ایک غیر ملکی جوڑا کسی حد تک اٹکھیلیاں کرتا ہوا کیمرے اور عمر کے درمیان حائل ہو گیا۔ وہ ایک دوسرے میں گم تھے اور انہوں نے ہماری جانب دیکھا ہی نہیں۔ چند سکینڈ بعد لڑکی کی نظر کیمرے کی طرف اٹھی تو انہیں احساس ہوا کہ وہ کیمرے کے سامنے آ کر رک گئے ہیں ، وہ جلدی سے ایک طرف ہٹ گئے اور لڑکی نے مسکرا کر عمر کو ہیلو کہا۔ عمر پہلے تو ٹھٹکا … پھر شرمائے ہوئے انداز میں اُس کی ہیلو کا جواب دیا۔ غیر ملکی جوڑا آگے بڑھ گیا۔
عمر نے لڑکی پر نظریں جما دیں اور تصویر بنوانا بھول گیا۔
’’خیر تو ہے؟‘‘ طاہر نے اس کی محویت دیکھ کر کہا۔
’’ میں نے اُس کے ساتھ تصویر بنوانی ہے۔ ‘‘ عُمر نے لڑکی کی طرف اِشارہ کیا۔
’’تصویر بنوانی ہے؟ دماغ تو ٹھیک ہے تمہارا؟ … ہیلو کا جواب دیتے وقت تو پسینے چھوٹ گئے تھے، تصویر بنوانی ہے۔ ‘‘ طاہر نے منہ بگاڑ کر کہا۔
’’میں نے بنوانی ہے ناں۔ ۔ !‘‘ عُمر بچّوں کی طرح ٹھنکا۔
’’ٹھیک ہے بھاگ کر جاؤ اور اس سے اجازت لے لو، تصویر میں بنا دوں گا۔ ‘‘
’’اجازت بھی آپ ہی لیں۔ ‘‘
’’یہ کیا بکواس ہے؟ تصویر تم نے بنوانی ہے اور اجازت میں لوں ؟سچ مچ دماغ تو نہیں چل گیا۔ ‘‘
’’یار اتنا ناراض کیوں ہو رہے ہو؟‘‘ میں نے دخل اندازی کی۔ ’’بچے کی اتنی سی خواہش پوری نہیں کر سکتے ؟‘‘
’’آپ کو بچے پر ترسا رہا ہے تو بنا دیں بے چارے کی تصویر۔ ‘‘
میں نے سوچا کوشش کرنے میں کیا حرج ہے؟ عمر کے لئے تو یہ تصویر یادگار کی حثیت اختیار کر لیتی کیونکہ وہ پہلی مرتبہ ٹریکنگ کے لئے گھر سے نکلا تھا۔ تھوڑا سا خدشہ تو بہرحال تھا کہ لڑکی یا اُس کا ساتھی مائنڈ نہ کر جائیں۔ اُن کے منفی ردِّ عمل کے لئے ذہنی طور پر تیّار ہو کر میں آگے بڑھا اور معذرت کر کے لڑکی کی خدمت میں درخواست پیش کر دی کہ میرا ساتھی آپ کے ساتھ تصویر بنوانا چاہتا ہے۔ لڑکی نہ صرف بخوشی رضا مند ہو گئی … بلکہ اہمیت ملنے پر اس کا چہرہ خوشی سے سرخ ہو گیا۔ وہ اپنے ساتھی سے مشورہ کی زحمت کئے بغیر عمر کی طرف بڑھی … اور میں نے دیکھا کہ عُمر کے چہرے کا رنگ بدل گیا۔ وہ بے تکلفی سے عمر کے ساتھ کھڑی ہو گئی۔ انداز سے ظاہر تھا کہ وہ توقّع کر رہی ہے کہ عمر اُس کے کاندھے پر ہاتھ رکھے گا، عُمر خواہش کے باوجود یہ ہمّت نہ کر سکا اور طاہر نے نانگا پربت کو پسِ منظر میں رکھتے ہوئے دونوں کی تصویر بنا ڈالی۔ یہ تصویر اب عمر کے کمپیوٹر میں ڈیسک ٹاپ وال پیپر کے طور پر استعمال ہو رہی ہے اور تصویر میں بھی لڑکی کے گلنار اور عمر کے سہمے ہوئے چہرے کا تضاد صاف محسوس ہوتا ہے۔
یہ ایک کینڈین جوڑا تھا۔ دونوں دوست تھے اور ایک ماہ کے لئے دنیا دیکھنے نکلے تھے۔ انہیں پاکستان آئے ہوئے ایک ہفتہ ہو چکا تھا وہ مزید ایک ہفتہ پاکستان میں گزارنا اور پاکستان کے پہاڑی علاقے دیکھنا چاہتے تھے۔
’’ہم لوگ دنیا دیکھنے کے لئے امریکہ یا یورپ کا رخ کرتے ہیں جبکہ آپ لوگ پاکستان کے پہاڑی علاقے دیکھنے آئے ہیں۔ کیا کینیڈا میں پہاڑ نہیں ہیں ؟‘‘
’’کینیڈا تو خوبصورت پہاڑوں کا گھر ہے، راکی ماؤ نٹینز کا مشہور و معروف پہاڑی سلسلہ کینیڈا اور امریکہ کی سرحد پر ہی تو ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ نیکڈ ماؤنٹین(نانگا پربت) جتنا بلند پہاڑ وہاں نہیں ہے۔ ‘‘
’’ تو آپ کینیڈا سے صرف نیکڈ ماؤنٹین دیکھنے پاکستان آئے ہیں ؟‘‘ عمر نے اپنی خاص انگریزی میں پوچھا تو دونوں نے مسکرا کر عمر کی طرف دیکھا … وہ اس کی انگلش سن کر خاصے محظوظ ہوئے ہوں گے۔
’’نہیں … ایسا بھی نہیں ہے۔ ‘‘ مرد نے جواب دیا۔ ’’آپ لوگ امریکہ یا یورپ موجودہ زمانے کی ترقی سے متاثر ہو کر جاتے ہیں ، اور ہم لوگ یہ دیکھنے یہاں آتے ہیں کہ سو سال پہلے نسلِ انسانی کا تہذیب و تمدّن کیسا تھا؟میں نے کہیں پڑھا تھا کہ یہ خطّہ زمانے کی رفتار سے سو سال پیچھے ہے … آئی ایم ساری فار دی کمنٹس۔۔ ۔ ۔ مجھے یقین ہے کہ آپ لوگ مائنڈ نہیں کریں گے۔ ‘‘
لیکن میں نے مائنڈ کیا ! اُس کا مطلب تھا کہ وہ پاکستان اس انداز میں دیکھنے آیا ہے جیسے ہم اہرامِ مصر دیکھنے جاتے ہیں ؟ وہ قدیم تہذیب کے زندہ کھنڈرات سمجھ کر ہمارا مشاہدہ کرنا چاہتا تھا؟اُنہوں نے غالباً ہمارے احساسات کا اندازہ کر لیا اس لئے وہ ’’او کے بائی ‘‘ کہہ کر آگے بڑھ گئے اور ہم ایک بینچ پرا کر بیٹھ گئے۔
’’الو کا پٹھا، ہمیں پتھر کے زمانے کی قوم سمجھتا ہے۔ ‘‘ طاہر نے غصے سے کہا۔
’’چھوڑو یار … وہ شاید ٹھیک ہی سمجھتا ہے۔۔ ۔ ۔ وہ ہمارے ملک میں اپنے ڈالر خرچ کرنے آیا ہے … جبکہ ہم وہاں ڈالر کمانے جاتے ہیں۔ ۔ ۔ ۔ یہ فرق تو اس نے بتایا ہی نہیں … ورنہ ہم زیادہ مائنڈ کرتے … وہ دنیا دیکھنے نکلا ہے ہم دنیا کمانے کے لئے یورپ کا رخ کرتے ہیں۔ ‘‘
’’چھڈّ وجی مٹی پاؤ … ہن اپنا کی پروگرام اے‘‘ عمر نے بات ختم کرتے ہوئے کہا۔
’’ اب ہمیں ذرا گھوم پھر کر فیری میڈوزکا جائزہ لینا چاہئے۔ ‘‘
’’ اب گھومنے کے لئے کونسی جگہ رہ گئی ہے۔ ‘‘ طاہر نے حیرانی سے کہا۔ ’’میرا خیال ہے فیری میڈوز جتنا تھا ہم دیکھ چکے ہیں۔ ‘‘
’’نہیں ایک سمت ابھی باقی ہے، ہم جنوب کی طرف نہیں گئے۔ ‘‘
’’لیکن ادھر سے تو ہم آئے تھے اور واپس بھی جائیں گے۔ ‘‘
’’ہم نے صرف ایک چھ فٹ چوڑا راستہ دیکھا ہے جسے طے کرتے ہوئے ہم میں ادھر ادھر دیکھنے کی ہمّت ہی نہیں تھی۔ اِس جانب کی پہاڑیاں چڑھائی کے لحاظ سے نسبتاً شریف نظر آتی ہیں ، کیوں نہ اِن میں سے کسی ایک کو سَر کر لیا جائے؟‘‘
’’ آپ ہر وقت گھمن گھیری کیوں بنے رہتے ہیں ؟ جنہیں آپ چھوٹی چھوٹی پہاڑیاں کہہ رہے ہیں ، ان پر چڑھیں گے تو نانی بلکہ پڑنانی یاد آ جائے گی۔ آپ کے اسی قسم کے فیصلے سن کر مجھے یقین آ چکا ہے کہ آپ کے ایک کان میں ڈالی گئی روشنی بھی انشا اللہ بغیر کسی تبدیلی کے دوسرے کان سے بر آمد ہو جائیگی۔ بہرحال۔۔ ۔ ۔ میں اب کسی بھی قسم کی چڑھائی پر ہرگز نہیں جاؤں گا۔ ‘‘ طاہر نے الطاف کے سنائے ہوئے لطیفے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فیصلہ کن لہجے میں کہا۔
’’اور کیبن میں جا کر آرام کروں گا جس کے لئے وہاڑی سے فیری میڈوز تک سفر کیا ہے۔ ‘‘ میں نے طنزیہ انداز میں فقرہ مکمّل کیا۔
’’ فی الحال کچھ دیر تو آرام کریں گے، اور آرام کرنے کے لئے کیبن میں جانا قطعَاً ضروری نہیں۔ آرام بھی کریں گے اور منظر سے بھی لطف اندوز ہوں گے جس کے لئے وہاڑی سے فیری میڈوز تک سفر کیا ہے۔ ‘‘ طاہر نے بینچ سے اتر کر سبزہ پر دراز ہوتے ہوئے میرا فقرہ مجھ پر ہی کھینچ مارا۔
میں بیٹھا کڑھتا رہا۔۔ ۔ ۔ میں سوچ رہا تھا کیوں نہ اکیلے ہی چل پڑوں۔ لیکن پچھلا تجربہ شاہد تھا کہ اکیلے میں بوریت ہوتی ہے اس کے علاوہ خود کسی منظر میں فٹ ہو کر تصویر اتروانے کو دل چا ہے … تو خواہ مخواہ جھنجھلاہٹ ہوتی ہے … مجھے ٹرائی پوڈ کی کمی کا شدت سے احساس ہوا۔ اگر آپ ٹرپ پر جاتے ہیں اور فوٹو گرافی کرتے ہوئے خود کو منظر میں شامل کرنا چاہتے ہیں … اور کون ہے جو خود کو منظر میں شامل نہیں کرنا چاہتا؟ … تو ٹرائی پوڈ ساتھ لے جانا مت بھولیں … یہ ایک اہم ساتھی ثابت ہو سکتا ہے۔
میں اپنے خیالات میں گم تھا، مجھے احساس ہی نہیں ہوا کہ طاہر اٹھ کر چلا گیا ہے۔ کچھ دیر بعد وہ واپس آیا تو سنسنی خیز لہجے میں کہنے لگا :
’’آپ کو پتہ ہے اس وقت میسنر ہمارے درمیان موجود ہے؟‘‘
’’کون میسنر؟‘‘ میں نے بے دھیانی سے پوچھا۔
’’وہی جس کے نام پر بیال کیمپ میں ہوٹل ہے۔ ‘‘
’’وہ۔۔ ۔ ۔ وہ۔۔ ۔ کوہ پیما … جسے وجاہت نانگا پربت سے بھی بڑا کہہ رہا تھا؟۔۔ ۔ ۔ وہ کہاں ہے؟‘‘ میں اچھل کر کھڑا ہو گیا۔
’’ وہ اُس گروپ کے ساتھ ہے۔ ‘‘ اُس نے ایک جانب اشارہ کیا جہاں دو تین آدمی کرسیوں پر بیٹھے تھے اور کئی لوگ فوٹو گرافی کر رہے تھے۔ میں نے پہلے بھی اس ہجوم پر نظر ڈالی تھی لیکن مجھے علم نہیں تھا کہ میسنر بھی اس گروپ میں موجود ہے۔ میں قریب پہنچا اور ایک غیر ملکی سے پوچھا کہ میسنر کون ہے ؟اس نے اشارے سے جواب دیا، میں اُس کے اشارے کے تعاقب میں جس شخصیت تک پہنچا اور ہیلو کہہ کر ہاتھ ملایا وہ میسنر نہیں تھا۔
’’آر یومیسنر؟ ‘‘ میں نے پوچھا۔
’’نو … نو … آئی کانٹ بی۔ ‘‘ اس نے زنانہ آواز میں جواب دیا تو میں شرمندہ ہو گیا اور پاس کھڑے ہوئے ایک دو خواتین و حضرات ہنس پڑے۔ ان میں سے ایک مجھے بازو سے پکڑ کر میسنر تک لے گیا اور بتایا کہ یہ میسنر ہے۔ میسنر اس وقت ہجوم میں گھرا ہوا تھا۔ زیادہ تعداد میں ظاہر ہے غیر ملکی تھے، دو چار پاکستانی بھی تھے۔
ہم نے بھی میسنر کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔
رحمت نبی وہاں موجود تھا، اُس نے بتایا کہ میسنر کوہ پیمائی سے ریٹائرڈ ہو چکا ہے اس وقت شغلاً نانگا پربت کے ارد گرد ٹریکنگ کرنے آیا ہے جسے نانگا پربت سرکل بھی کہا جاتا ہے۔ لوگ میسنر سے نانگا پربت کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے اور وہ ہاتھ کے اشارے سے کچھ بتا رہا تھا۔ ہمیں اس کی باتیں سمجھ نہیں آ رہی تھی بعد میں پتہ چلا کہ وہ جرمن بول رہا تھا۔
’’آپ نے نانگا پربت کہاں سے سر کیا تھا؟سر پلیز سپیک ان انگلش۔ ‘‘ ایک پاکستانی نے سوال کیا۔
’’میں نے نانگا پربت روپل فیس سے سر کیا تھا ۱۹۷۰ء میں۔ ‘‘ میسنر نے انگلش میں جواب دیا۔
’’فیری میڈوز کو نانگا پربت کا رواییک بیس کیمپ کہا جاتا ہے پھر اس طرف سے نانگا پربت کو سر کیوں نہیں کیا جاتا ؟‘‘
’’ یہ روٹ موسمی حالات کی وجہ سے متروک ہو چکا ہے۔ ‘‘
’’اور روپل فیس نسبتاً آسان ہے؟‘‘
’’ہرگز نہیں !وہ بہت مشکل ہے، ۱۹۷۰ ء کے بعد سے ابھی تک کسی اور نے اس جانب سے نانگا پربت سر نہیں کیا۔ میں پہلے بھی کئی مرتبہ یہ بات کہہ چکا ہوں کہ روپل فیس کی جانب سے ایک ہزار میں سے ایک کوشش کے کامیاب ہونے کا امکان ہے۔ نانگا پربت آجکل دیا میرفیس کی جانب سے سر کیا جاتا ہے۔ جیسے نسبتاً آسان روٹ کہا جا سکتا ہے۔ ‘‘
مجھے بعد میں پتہ چلا کہ جس وقت میسنر یہ الفاظ کہہ رہا تھا … اس کے تقریباً ایک ماہ بعد ایک امریکی ٹیم نے ستمبر ۲۰۰۵ء میں روپل فیس سے نانگا پربت کو سر کر لیا۔ اس طر ح میسنر کی کامیاب مہم کے پینتیس سال بعد نانگا پربت روپل فیس سے دوسری مرتبہ سَر ہوا، اور صرف چند دنوں بعد ہی ایک دو رکنی کورین ٹیم نے جو کم چانگ ہو اور لی ہیون جو (Kim Chang Ho and Lee Hyun Jo)پر مشتمل تھی روپل فیس اور دیامیر فیس پر میسنر کے نقشِ پا کا تعاقب کرتے ہوئے اسے تیسری مرتبہ نہ صرف سر کیا … بلکہ عبور بھی کر لیا۔
موجودہ دور کی جدید ترین ایجادات اور سہولیات نے نانگا پربت کی سر کشی پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے، اور انہیں حالات کو مدّّ نظر رکھتے ہوئے معروف کوہ پیما اور رائٹریون کوئینارڈ (Yvon Chouinard) نے بیان دیا:
’’ جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کو مدّ نظر رکھتے ہوئے کوہ پیمائی کے اصولوں میں مستقل بنیادوں پر ترمیم ضروری ہے ورنہ کوہ پیمائی کی کلاسیکل داستانیں مٹ جائیں گی اور ہم اس خوش فہمی کا شکار ہو جائیں گے کہ ہم اس کھیل کے بانیوں سے بہتر کوہ پیما ہیں۔ ‘‘
کوئینارڈکے الفاظ یہ ہیں :
"The rules of the game must be constantly updated to keep up with the expanding technology. Otherwise we overkill the classic climbs and delude ourselves into thinking we are better climbers than the pioneers."
’’نانگا پربت کو میسنر ماؤنٹین کیوں کہا جاتا ہے؟‘‘ ایک پاکستانی نوجوان نے میسنر سے پوچھا۔
’’ کون کہتا ہے۔ ‘‘ اُس نے مسکراتے ہوئے پوچھا۔
’’ ہمیں تو رحمت نبی نے بتایا ہے کہ نانگا پربت کو میسنر کا پہاڑ بھی کہتے ہیں۔ ‘‘
’’پھر آپ یہ سوال رحمت نبی سے پوچھیں ، میں تو یہ بتا سکتا ہوں کہ یہ میرا بہت اچھادوست ہے اورمیں اسے اس لئے بھی بہت پسند کرتا ہوں کہ اس کی شکل ہرمین بوہل سے بہت حد تک ملتی ہے۔ ‘‘ میسنر نے مسکرا تے ہوئے کہا اور جانے کے لئے اٹھ کھڑا ہوا۔
رحمت نبی میسنر کے اِس بیان پر کافی خوش نظر آ رہا تھا۔
میری خواہش تھی کہ میسنر کے ساتھ تصویر بنواؤں لیکن میسنر انفرادی تصاویر کے لئے پہلے ہی انکار کر چکا تھا۔ اگر وہ ایک ایک کے ساتھ تصویر بنوانا شروع کر دیتا تو شاید پورا دن لگ جاتا کیوں کہ سب ہی اُس کے ساتھ تصویر بنوانے کے خواہشمند تھے۔ اس نے صرف چند ایک گروپ فوٹو بنوائے تھے۔ا س نے اپنا بیگ کاندھے پر ڈالا، اس کے گروپ کے بقیہ افراد بھی تیار ہو گئے۔ اُس نے کچھ لوگوں کے ساتھ ہاتھ ملا یا اور روانہ گیا۔ ہم چند قدم اس کے گروپ کے ساتھ چلے۔ طاہر نے مجھے اکسایا:
’’آپ تصویر کے لئے ٹرائی تو کریں ، اب تو یہ جا رہا ہے شاید آمادہ ہو جائے۔ ‘‘
طاہر میری خواہش سے باخبر ہو چکا تھا، میں نے بھی سوچا کیا حرج ہے؟ … زیادہ سے زیادہ انکار ہی کر دے گا … یہاں دیکھنے والا کون ہے جو شرمندگی ہو گی۔ غیر ملکی پیچھے ہی رہ گئے تھے اس وقت صرف رحمت نبی اور میسنر کا گروپ ہی تو تھا جسے چند منٹ بعد فیری میڈوز سے چلے جانا تھا۔
میں نے آگے بڑھ کر تصویر کے لئے درخواست داغ دی۔ میسنر ایک لمحہ کے لئے رکا! گہری نظروں سے میرا جائزہ لیا، میرے چہرے کے بیتابانہ اور احمقانہ تاثّرات نے شاید اسے محظوظ کیا۔
’’او کے … بٹ یو شوڈبی ویری کوئک۔ ‘‘
میں فوراً قدم بڑھا کر اس کے ساتھ کھڑا ہو گیا۔ طاہر کے ہاتھوں میں کیمرہ تیار تھا اس نے فوراً ہی تصویر بنا لی۔ رحمت نبی کے ہونٹوں پر مُسکراہٹ آ گئی جسے میں طنزیہ سمجھا اور اپنی اس بچگانہ خواہش پر تھوڑی سی شرمندگی محسوس کی۔ میسنر سے الوداعی مصافحہ کرتے ہوئے میں نے اُس کا دِلی شکریہ ادا کیا۔ وہ چلا گیا تو رحمت نبی نے کہا :
’’ڈاکٹر صاحب لگتا ہے آپ میسنر کی شخصیت سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ‘‘
’’جی نہیں البتہ شمالی علاقہ جات کے بارے میں مختلف سفر نامے پڑھ کر اتنا علم تو ہو ہی جانا چاہئے کہ میسنر ایک مشہور کوہ پیما ہے۔ ‘‘
’’میسنر کو کوہ پیمائی میں وہی مقام حاصل ہے جو باکسنگ میں محمد علی، فٹ بال میں پیلے اور سکواش میں جہانگیر خان کو حاصل ہے۔ ‘‘
’’اچھا ؟ پھرتو ڈاکٹر صاحب کی بیتابی ٹھیک ہی تھی، محمد علی یا جہانگیر خاں نظر آ جائیں تو میرا بھی یہی حال ہو سکتا ہے۔ ‘‘ عمر نے مضحکہ اڑانے والے انداز میں کہا۔
’’آپ ڈاکٹر صاحب کا مذاق نہ اُڑائیں !اگر آپ میسنر سے واقف ہوتے تو ڈاکٹر صاحب سے زیادہ بے تاب ہوتے۔۔ ۔ ۔ ۔ آپ ذرا مکمل معلومات حاصل کر لیں کہ میسنر اور نانگا پربت کا کیا تعلق ہے … تو یہ تصویر ’’پکچر آف دی ٹور‘‘ کہلائے گی۔ ‘‘
حقیقتاً ایسا ہی ہوا۔
ہم واپس آ کر دوبارہ بینچوں پر بیٹھ گئے۔ رائے کوٹ سرائے کی کیمپنگ سائٹ میں اس وقت کافی رونق تھی۔ موسم صاف تھا اورنانگا پربت پوری آب و تاب سے منظر پر چھایا ہوا تھا اور تقریباً سب لوگ باہر بیٹھے ہوئے نانگا پربت کی چوٹیوں پر سورج کی مچلتی ہوئی کرنوں کا رقص دیکھ رہے تھے۔ اکثر لوگ اس منظر کو کیمرے میں محفوظ کر رہے تھے۔
’’ تمہارا بہت بہت شکریہ کہ تم میرے ساتھ فیری میڈوز کی جنوبی سائیڈ دیکھنے نہیں گئے۔ ‘‘ میں نے طاہر کو مخاطب کیا۔
’’ ڈاکٹر صاحب خدا کا خوف کرو، یہ پہاڑیاں اب تک آپ کے ذہن پر سوار ہیں ؟‘‘ طاہر سمجھا میں طنز کر رہا ہوں
’’یار میں خلوصِ دل سے شکریہ ادا کر رہا ہوں۔ ‘‘
’’کیوں ؟ ‘‘ طاہر نے مشکوک لہجے میں پوچھا۔
’’اگر ہم یہاں سے چلے جاتے تو میسنر سے ملاقات کیسے ہوتی ؟‘‘
’’لاحول ولا قوۃ، اب یہ میسنر اپ کے ذہن پر سوار ہو گیا ہے … بہر حال آپ کے شکریے کا بہت بہت شکریہ۔ ‘‘
’’ اب ہم کیا کریں ؟‘‘
’’وہی جو سب لوگ کر رہے ہیں۔ ‘‘ اس نے ارد گرد موجود لوگوں کی طرف اشارہ کیا۔ ’’ یہ شاید کھانے کا انتظار کر ہے ہیں اور میں بھی یہی کر رہا ہوں۔ ۔ ۔ البتہ آپ اگر چاہیں تو وہ کریں جو عمر کر رہا ہے۔ ‘‘
’’ عمر کیا کر رہا ہے ؟‘‘ میں نے چونک کر پوچھا۔
’’خود دیکھ لیں۔ ‘‘ اس نے عمر کی طرف اشارہ کیا۔
عمر ہم سے کچھ دور گھاس پر بیٹھا تنکے چبا رہا تھا اور خاصی حسرت آمیز نظروں سے اُن خوبصورت چہروں کا جائزہ لے رہا تھا جو اس وقت کیمپنگ سائٹ کے سبزہ زار میں وافر مقدار میں موجود تھے۔ خواتین اس وقت کچھ زیادہ ہی فری موڈ میں تھیں۔ ایک آدھ کا تو لباس بھی کسی حد تک قابلِ اعتراض تھا۔ ساتھی حضرات کے ساتھ ان کی چہلیں بھی جاری تھیں۔ ایک صاحب اپنی ساتھی خاتون کے کندھے دبا رہے تھے … اور بہت زیادہ قریب ہو کر دبا رہے تھے۔ دونوں چہرے اتنے قریب تھے کہ کبھی کبھی بے ساختہ ایک دوسرے کی جانب جھک جاتے تھے۔ رائے کوٹ سرائے کی کیمپنگ سائٹ اس وقت کسی یورپین تفریح گا ہ کا ہی کوئی حصہ لگ رہی تھی … عمر کی محویت قابل اعتراض نہیں تھی۔
میں نے سوچا ذرا جائزہ تو لیا جائے کہ اس وقت کتنی اقوام کے لوگ یہاں موجود ہیں۔ میں اُٹھ کر اس ہجوم کی طرف بڑھا تو طاہر نے فقرہ کسا!
’’ تہاڈی عمر نئیں … ایہہ شعبہ عمر کول ہی رہن دیو۔ ‘‘
’’ڈاکٹر صاحب فکر ای نہ کرو … دل ہونا چاہی دا جوان عمراں وچہ کی رکھیا۔ ‘‘ عمر نے طاہر کی آواز سن لی تھی اس لئے پیچھے رہنا مناسب نہ سمجھا۔ ’’بس ذرا میرا وی خیال رکھنا۔ ‘‘
’’تمہارا کیا خیال رکھوں ؟‘‘ میں نے اسے گھورتے ہوئے کہا۔ ’’تم کوئی پٹھان ڈھونڈو۔۔ ۔ رحمت نبی کو بھیجوں ؟‘‘
’’تسی تے مذاق کر دے او … میرا ایہہ مطلب نہیں سی۔ ‘‘
’’یار یہ فقرہ اگر تم نے ذرا شرما کر اور لجا کر کہا ہوتا تو شاید میں تمہارا خیال رکھنے پر مجبور ہو جاتا … تم آخر کہنا کیا چاہتے ہو؟‘‘
’’وہ … وہ … لال شرٹ والی! ‘‘ اس نے ایک طرف اشارہ کیا۔
’’ کونسی لال شرٹ والی ؟کیا ہوا ہے اسے ؟‘‘ میں نے اس کے اشارے کا تعاقب کیا۔
’’اسے تو کچھ نہیں ہوا … مجھے کچھ ہو گیا ہے۔ ‘‘
’’اوئے کیا ہو گیا ہے تمہیں ؟ … اِس کے ساتھی کو دیکھا ہے مار مار کر گنجا کر دے گا۔ ‘‘
سرخ شرٹ والی واقعی نوخیز اور بلا کی حسین تھی۔ شرٹ کا گریبان بھی اس نے دور تک کھولا ہوا تھا۔ اس کا ساتھی بھی مردانہ وجاہت کا نمونہ تھا، اپنے ورزشی اور ٹھوس جسم کے ساتھ وہ کوئی باڈی بلڈر لگتا تھا۔
’’لو جی … میں کیا کرنے لگا ہوں اس کے ساتھ … بس ایک تصویر کا سوال ہے بابا۔ ‘‘ اُس نے باقاعدہ ہاتھ جوڑے۔
’’ چلو پھر آگے بڑھو … اس کے ساتھ جا کر کھڑے ہو جاؤ۔۔ ۔ ۔ تصویر میں بنا دیتا ہوں۔ ‘‘ میں نے کیمرہ سنبھالتے ہوئے کہا۔
’’ پہلے آپ پوچھ لو … جیسے پہلے پوچھا تھا۔ ‘‘
’’تمہارا دماغ واقعی چل گیا ہے۔۔ ۔ ۔ تم فلرٹ بھی اِن ڈائریکٹ کرنا چاہتے ہو؟ … اگر باقاعدہ عشق کرنا پڑ گیا تو کیا کرو گی؟‘‘
’’ میں ذرا دیکھ بھال کر عشق کروں گا … جہاں اس قسم کے ہیوی ڈیوٹی رقیب کا کوئی امکان نہ ہو۔ ‘‘ ماحول کے زیرِ اثر عُمر کے بھی گویا پَر نکل آئے تھے۔
’’پھول کے ساتھ کانٹے تو ہوتے ہیں۔ ‘‘
’’بیس کیمپ میں تو نہیں تھے۔ ‘‘ عمر نے بے ساختہ جواب دیا ’’اور پھولوں کی ورائٹی بھی کتنی زیادہ تھی۔ ‘‘
’’ٹھیک ہے۔۔ ۔ ۔ پھر کوئی بغیر کانٹے والی ڈھونڈو … اس کے ساتھ تو ببول کا پورا درخت ہے۔ ‘‘
میں آگے بڑھ گیا اور مختلف لوگوں سے ہیلو ہائے ہوتی رہی۔ کیمپنگ سائٹ اس وقت عملی طور پر بین الاقوامی اجتماع گاہ میں تبدیل ہو گئی تھی۔ میں نے تقریباً سب لوگوں سے ہیلو ہائے کی اور اُنکے وطن اور پیشے کے بارے میں پوچھا۔
یہاں جرمنی، فرانس، کینڈا، جاپان، کوریا، ہالینڈ، سنگاپور، آسٹریا، آسٹریلیا اور اٹلی کے ٹریکرز موجود تھے۔ صرف جاپانی اکیلا تھا، بقیہ سب جوڑوں کی شکل میں تھے۔
مختلف اقوام اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ایک ہی جگہ ملاقات ہمارے اس چھوٹے سے ٹور کا گویا بونس تھی۔ یہاں انجینئرز، آرکیٹکٹ، بزنس مین، شوبز پرسنز، ٹیچرز، مصنف غرض تقریباً ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود تھے، اور ظاہر ہے یہ سب ٹریکرز تو تھے ہی … مجھے تھوڑا سا افسوس ہوا کہ کوئی ڈاکٹر اِن میں موجود نہیں تھا۔ کسی حد تک اطمینان بھی ہوا کہ بقیہ ممالک کے ڈاکٹرز بھی پاکستان کے ڈاکٹروں کی طرح ہی ہیں ، اپنے شعبہ میں مگن اور ذوق جمال سے عاری!ڈاکٹرز کا ذوقِ جمال غالباً ایک نرسنگ اسٹیشن سے شروع ہو کر دوسرے نرسنگ اسٹیشن پر ختم ہو جاتا ہے۔۔ ۔ ۔ فیری میڈوز کا مرہون منت نہیں ہے۔
سرخ شرٹ والی کا تعلق جرمنی سے تھا اور اُس کا ساتھی جو دیکھنے میں باڈی بلڈر نظر آتا تھا۔ سچ مچ کا باڈی بلڈر تھا۔۔ ۔ اور سرخ شرٹ والی ؟۔۔ ۔ ۔ وہ ایک باکسر تھی۔
’’یہ واقعی باکسر ہیں ؟‘‘ میں نے حیرت سے پوچھا۔ میں اس نازک اندام حسینہ کو باکسر تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں تھا۔
’’آئی ایم۔ ‘‘ سرخ شرٹ والی نے دونوں ہاتھوں سے باکسنگ کا پوز بناتے ہوئے کہا۔ ’’ڈونٹ یو بی لیو؟‘‘
’’نہیں … نہیں مجھے سو فیصد یقین آ گیا۔ ‘‘ میں نے خوفزدہ ہونے کی اداکاری کرتے ہوئے پیچھے ہٹ کر کہا۔ ’’میرے ایک ساتھی کو باکسنگ کا بہت شوق ہے، اگر تمہیں اعتراض نہ ہو تو باکسنگ کا میچ ہو جائے۔ ‘‘
’’وہ کہاں ہے ؟‘‘
میں نے عمر کو آواز دی اور وہ قریب آیا تو میں نے تعارف کے بعد کہا۔
’’عمر ! یہ خاتون تمہارے ساتھ باکسنگ کا چھوٹا سا میچ رکھنا چاہتی ہیں ، تمہیں کوئی اعتراض تو نہیں ؟‘‘ عمر ہونقوں کی طرح دیکھتا رہ گیا۔
’’یار کچھ بولو بھی۔۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’ڈاکٹر صاحب … میں … میں … ‘‘
’’میں میں کیا کر رہے ہو … میچ کی تیاری کرو۔ ‘‘
’’آپ مجھے کہاں پھنسا رہے ہیں۔ مذاق نہ کریں … مجھے باکسنگ کہاں آتی ہے … اور کیا یہ واقعی باکسر ہے؟‘‘
’’میرا ساتھی کہہ رہا ہے … اسے خواتین کے ساتھ باکسنگ کا کوئی تجربہ نہیں … اور یہ کہ لڑکیاں باکسنگ کے لئے تو نہیں ہوتیں۔ ‘‘
’’پھر کس لئے ہوتی ہیں ؟‘‘
’’اُلّو کی پٹھی۔۔ ۔ ‘‘ عمر نے زیرِ لب کہا۔ ’’جیسے اسے پتا ہی نہیں۔ ‘‘
’’یہ کیا کہہ رہا ہے، کیا اسے انگلش نہیں آتی؟‘‘ اس کے ساتھی باکسر نے پوچھا۔
’’آتی تو ہے، لیکن بہت کم … اور یہ پوچھ رہا ہے کہ کیا تم نے ابھی تک اپنی ساتھی کو یہ نہیں بتایا کہ لڑکارں کس لئے ہوتی ہیں ؟‘‘
دونوں نے مل کر بے ساختہ ایک زور دار قہقہہ لگایا۔
’’میں تو دن میں کئی مرتبہ بتاتا ہوں ، یہ سمجھتی ہی نہیں۔ ‘‘ باڈی بلڈر ہنستے ہوئے بولا۔
’’اب تصویر کے لئے بھی کہیں گے یا خود ہی ٹھرک پوری کرتے رہیں گے ؟‘‘ عمر منمنایا۔
’’یہ ایک لڈ ی باکسر کے ساتھ تصویر بنوانا چاہتا ہے۔ ‘‘
’’یہ میری تصویر لے کر کیا کرے گا ؟‘‘ اس نے شوخی سے پوچھا۔
’’ کج تے کراں گا توں دے تے سہی۔ ‘‘ عمر نے بھنّاتے ہوئے پنجابی میں کہا۔
’’اس ٹریک کی یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھنا چاہتا ہے۔ ‘‘ میں نے ترجمہ کیا۔
’’او کے کم آن۔ ‘‘
عمر آگے بڑھ گیا۔ وہ ابھی لیڈی باکسر تک پہنچا ہی تھا کہ باڈی بلڈر بھی ساتھ کھڑا ہو گیا۔
’’یہ لکڑ بگھا کہاں گھُسا چلا آ رہا ہے اس کو تو روکیں۔ ‘‘
’’چھوڑو یار … تُم تصویر بنواؤ۔۔ ۔ اسے بعد میں نکال دیں گے۔ ‘‘
اور عمر کی سمجھ میں باتا گئی۔ ڈیجیٹل کیمرے کا یہی تو فائدہ ہے کہ اس کی تصویر نہایت آسانی سے اور خود ہی ایڈٹ کی جا سکتی ہے۔ آجکل یہ تصویر عمر کے پرس اور کمپیوٹر دونوں میں پائی جاتی ہے … اور وہ دوستوں پر رعب گانٹھتا ہے کہ نانگا پربت بیس کیمپ پر یہ لڑکی اس کی دوست بن گئی تھی۔
٭٭٭
{آلو مٹر نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے}
تھوڑی دیر بعد ہم واپس آ کر بینچ پر بیٹھ گئے۔ اب ہمیں شدت سے کھانے کے انتظار تھا۔
اچانک ایک منظر پر میری نظر پڑی اور میں جیسے سُن ہو کر رہ گیا۔ غیر ارادی طور پر کیمرے کی طرف ہاتھ بڑھا لیکن کیمرہ وہاں نہیں تھا، شاید عمر نے اٹھا لیا تھا۔ میری نظریں ایک اٹالین جوڑے پر جمی تھیں جس سے ابھی چند لمحے پہلے تعارف ہوا تھا۔ وہ دونوں باتھ روم کے سامنے نہانے کے لباس میں ایک دوسرے سے چمٹے کھڑے تھے اور وہی حرکت کر رہے تھے جسے دیکھ کر لندن جانے والے ایک بچے نے بڑے خوفزدہ لہجے میں اپنے والدین کو بتا یا تھا کہ اس نے ایک گورے کو دیکھا ہے جو ایک گوری کو کھانے کی کوشش کر رہا تھا۔ میں نے اشارے سے عمر کو کہا کہ اس منظر کو کیمرے میں محفوظ کر لے، عمر نے کوشش بھی کی، لیکن سین کٹ ہو چکا تھا اور وہ دونوں ایک دوسرے سے لپٹے ہوئے باتھ روم میں داخل ہو گئے۔
طاہریہ منظر نہیں دیکھ سکا تھا۔ میں نے اسے تفصیلات بتائیں تو اسے اس محرومی کا خاصا افسوس ہوا۔ تقریباً بیس منٹ بعد وہ دونوں باتھ روم سے برآمد ہوئے۔۔ ۔ ۔ اور یہ فیری میڈوز تھا۔۔ ۔ ۔ ۔ اس لئے کچھ بھی نہ ہوا، اگر ہمارے علاقے کی کوئی پبلک پلیس ہوتی تو ہنگامہ ہونے کا شدید اِمکان تھا۔
خاتون کے جسم سے پانی کے قطرے ٹپک رہے تھے، جسم پر ناگفتہ بہ لباس … ہر چند کہیں ہیں … نہیں ہے۔۔ ۔ ۔ کا منظر پیش کر رہا تھا … مرد صرف انڈر ویئر میں ملبوس تھا۔۔ ۔ ۔ وہ دونوں ایک دوسرے کی کمر میں ہاتھ ڈالے بے نیازی سے اپنے خیمے کی طرف چلے گئے۔۔ ۔ ۔ اور ہم ہکّا خان بکّا خان بنے رہ گئے۔
’’لاحول ولا قوۃ … ‘‘ طاہر کے منہ سے بیساختہ نکلا۔
یہاں اس وقت اکثریت غیر ملکیوں کی تھی، جن کے لئے یہ شاید معمول کی بات تھی، لیکن ہم اسے ہضم نہیں کر پا رہے تھے۔ ہمارے علاوہ یہاں چند اور پاکستانی بھی تھے لیکن لطف اندوزی سے زیادہ سب کے چہروں پر تاسّف اور شرمندگی کے تاثرات تھے۔
’’ڈاکٹر صاحب یہ … یہ … تو بہت زیادتی ہے۔ ‘‘ طاہر نے کہا۔
’’زیادتی توہے … لیکن ہم کیا کر سکتے ہیں۔ ‘‘
’’حکومت کو کچھ کرنا چاہئے۔ ‘‘
’’حکومت کیا کر سکتی ہے؟اگر ان لوگوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہو گئی تو عالمی لیول پر احتجاج شروع ہو جائے گا اور غیر ملکی سیاح اِدھر کا رخ کرنا چھوڑ دیں گے۔ ‘‘
’’تو … تو اس کا مطلب ہے اپنی آنکھیں بند کر لی جائیں ؟‘‘
’’فی الحال تو اس کے علاوہ کوئی حل نظر نہیں آتا … جن ممالک میں قابل ذکر پہاڑ ی سلسلے ہیں ان کی آمدنی کا بڑا حصہ سیاحت سے ہونے والی آمدنی پر مشتمل ہے … نیپال کی توکل آمدنی ہی سیاحوں کے طفیل ہے … انڈیا، سوئزرلینڈ اور جاپان بھی کافی زر مبادلہ اسی مد سے حاصل کرتے ہیں۔ پاکستان تو اس دولت سے مالا مال ہے … یہاں پانچ چوٹیاں ایسی ہیں جن کی بلندی آٹھ ہزار میٹر سے زیادہ ہے … اور حکومت سیاحوں کو ادھر متوجہ کرنا چاہتی ہے … پچھلے کئی سالوں سے کوہ پیمائی کی فیس آدھی کر دی گئی ہے۔ اس سال چھ ہزار میٹر تک چوٹیوں کے لئے فیس بالکل ہی ختم کر دی گئی ہے … ایسے میں اگر ان لوگوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہوئی یا ان پر پابندیاں عائد ہوئیں تو حکومت کی کوششوں کو سخت نقصان پہنچے گا۔ ‘‘
’’اس کا مطلب ہے ہم انہیں کھلی چھٹی دے دیں کہ وہ ہماری سماجی اور معاشرتی اقدار بدل ڈالیں۔ ‘‘
’’یار حقیقت پسند بنو، یہ اُن کی تہذیب ہے جسے ہم بدل نہیں سکتے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم خود اپنی مرضی سے یہی تہذیب نہیں اپنا رہے؟آجکل کون سا ایسا گھر ہے جہاں کیبل ٹی وی نہیں ؟اور ہندی اور انگلش فلمیں نہیں دیکھی جاتیں۔ ۔ ۔ ۔ جو اِس حد کو بہرحال کراس کر چکی ہیں … اور مائنڈ نہ کرنا۔۔ ۔ ۔ تم صرف اس لئے سیخ پا ہو رہے ہو کہ یہ لائیو شو تھا … اگر تم اسے کیبل ٹی وی پر دیکھتے تو۔۔ ۔ ۔ ۔ دیکھتے ہی چلے جاتے۔ ‘‘
’’ مٹی پاؤ جی۔ ‘‘ عمر نے بحث ختم کرتے ہوئے کہا۔ ’’میں دیکھتا ہوں کھانا کہاں تک پہنچا۔ ‘‘ عمر کچن کی طرف چلا گیا۔
اندھیرا چھا نے لگا تھا اور خنکی بڑھ رہی تھی۔
رحمت نبی پر نظر پڑی وہ لکڑیوں کے ایک ڈھیر کو سلگانے کی کوشش کر رہا تھا۔ چند منٹ بعد آگ کا الاؤ روشن ہو چکا تھا اور لوگ کرسیاں اور بینچ گھسیٹ کر آگ کے قریب لا رہے تھے۔ عمر نے آ کر بتایا کہ کھانا شروع ہونے میں تقریباً ایک گھنٹہ باقی ہے۔ ہم نے بھی اپنا بینچ آگ کے الاؤ کے قریب گھسیٹ لیا اور اس طرح کیمپ فائر کا منظر بن گیا۔ سب لوگ خاموش تھے اور غالباً سب کو بھوک لگ رہی تھی۔ پشاور یونیورسٹی کے اولڈ سٹوڈنٹس کا ایک گروپ بھی یہاں موجود تھا۔ ان میں سے ایک نے کینیڈین لڑکی سے انٹرویو شروع کر دیا … اور اس لڑکی کا انگلش بولنے کا انداز اتنا خوبصورت تھا کہ سب ادھر متوجہ ہو گئے۔ اس نے بتایا کہ اس کا نام مونا ہے … اور وہ کسی فرم میں پبلک ریلیشن آفیسر کے طور پر کام کرتی تھی۔
’’پتہ ہے میں فیری میڈوز کیوں آئی ہوں ؟‘‘ اس نے اپنا تعارف کروانے کے بعد سوالیہ انداز میں کہا۔
’’ہمیں نہیں پتہ۔ ‘‘ پشاور گروپ نے ہم آہنگ ہو کر کہا۔
’’اینڈ آئی آلسو ڈونٹ نو … ‘‘ ایک بابے قسم کے ٹریکر نے طالبعلموں کی طرح ہاتھ بلند کرتے ہوئے کہا تو سب کے چہروں پر مسکراہٹ آ گئی۔
ماحول کا جمود ٹوٹ رہا تھا۔
’’میں ذرا کینیڈین فیری میڈوز اور پاکستانی فیری میڈوز کا موازنہ کرنا چاہتی تھی۔ ‘‘
’’واٹ ؟۔۔ ۔ ۔ کینیڈا میں بھی فیری میڈوز پایا جاتا ہے۔ ‘‘ کئی آوازیں بیک وقت آئیں۔
’’بالکل ہے۔۔ ۔ ۔ اور بہت خوبصورت ہے۔ ‘‘
’’یہ وہیں سے تو آئی ہیں۔ ‘‘ ایک شوخ سی آواز آئی۔
’’ میں ؟۔۔ ۔ ۔ نہیں تو!‘‘ وہ اس لطیف اشارے کو سمجھ کر خوش ہوئی۔ ’’میں تو مسی ساگا میں رہتی ہوں ، دو ماہ پہلے فیری میڈوز گئی تھی وہاں جا کر پتہ چلا کہ پاکستان میں بھی فیری میڈوز ہے تو میرے دل میں یہاں آنے کی خواہش پیدا ہو گئی، اور میں یہاں چلی آئی۔ ‘‘
’’تھینک گاڈ!۔ ‘‘ ایک آسودہ سی آواز آئی۔ لہجہ اور انداز ایسا تھا کہ سب ہی ہنس پڑے۔
’’کیا وہ بھی پہاڑی علاقہ ہے؟‘‘ کسی نے پوچھا۔
’’ہاں … وہ راکی ماؤنٹینز کی ایک خوبصورت وادی ہے، وہاں الپائن کلب والوں نے اپنا ہیڈ کوارٹر بنایا ہوا ہے، جہاں اُنکا سالانہ اجلاس ہوتا ہے۔ ‘‘
’’تو کونسا فیری میڈوز زیادہ اچھا لگا آپ کو۔۔ ۔ ۔ ۔ ؟‘‘
’’ نو ڈاؤٹ دِس ون … اِٹ اِز سپلینڈڈ) (Suplended۔ ‘‘
’’ ہمارے ملک میں بھی ایک فیری میڈوز ہے۔ ‘‘ ایک بھاری کم مردانہ آواز آئی۔ یہ بھی ایک بابا ٹائپ ٹریکر تھا۔
’’جی … ای … ای … واقعی؟ … اور آپ کا ملک کونسا ہے؟‘‘
’’آسٹریلیا۔ ‘‘
’’آسٹریلیا میں بھی فیری میڈوز ہے؟‘‘
’’جی ہاں … ولنگانگ(Wollongong) کا نام تو آپ لوگوں نے سنا ہو گا، اس کے قریب ہی فیری میڈوز ایک ساحلی علاقہ ہے۔۔ ۔ ۔ جو اپنے بیچ کی وجہ سے مشہور ہے اور پہاڑوں میں گھرا ہوا ہے۔ ‘‘
’’اور آپ کے خیال میں کونسا فیری میڈوز زیادہ خوبصورت ہے۔ ‘‘
’’ حُبّ الوطنی کا تقاضا تو یہ ہے کہ میں اپنے ملک کے فیری میڈوز کو ترجیح دوں ، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس فیری میڈوز کا کوئی جواب نہیں۔ دراصل نانگا پربت نے اس منظر کو انفردیت عطا کر دی ہے۔ پہاڑ تو وہاں بھی ہیں ، ماؤنٹ اوسلے (Mount Ousley )، ماؤنٹ کیرا (Mount Keira )، اور ماؤنٹ کیمبلا Mount Kembla) )کا بہترین منظر وہاں سے نظر آتا ہے لیکن اس سبزہ زار اور نانگا پربت کا کمبی نیشن بے مثال ہے، اس کا کوئی جواب نہیں۔ ‘‘
پاکستانیوں کے چہرے غیر اِرادی طور پر کھِل اُٹھے۔
یہ واقعی دلچسپ معلومات تھیں۔ اگر یہاں اکھٹے نہ ہوتے تو پتہ بھی نہ چلتا کہ کینیڈا اور آسٹریلیا میں بھی فیری میڈوز پایا جاتا ہے۔
’’ اور آپ کو علم ہے کہ کینیڈا میں ایک نانگا پربت بھی ہے۔ ‘‘ کینیڈین خاتون نے پُر جوش انداز میں کہا، جسے شاید آسٹریلیا میں فیری میڈوز کی موجودگی پسند نہیں آئی تھی۔
’’کیا ؟‘‘ ہمارے منہ سے بے ساختہ نکلا۔
’’اوئے … تہانوں اپنے ناں نئیں لبھدے سارے پاکستانی نا ں چوری کیتی جاندے او … ‘‘ عمر نے ٹھیٹھ پنجابی میں کہا۔
’’لیکن نانگا پربت توخالص ہندی نام ہے۔ یہ کینیڈا میں کیسے پایا جاتا ہے۔ ‘‘
’’اسے یہ نام ۱۸۹۸ء میں نارمن کولی نے دیا تھا جب وہ ایک مہم میں شرکت کرنے کے بعد واپس گیا۔ ویسے وہ پہاڑ نانگا پربت سے بہت چھوٹا ہے، راکی ماؤنٹینز کی کینیڈین رینج میں پایا جاتا ہے لیکن اس کی شکل و صورت نانگا پربت سے بہت حد تک ملتی ہے … وہ تقریباً تین ہزار میٹر اونچا ہے۔ ‘‘
’’آپ کو پہاڑوں کے بارے میں کافی معلومات ہیں آپ کوہ پیما تو نہیں ؟‘‘ پشاوری گروپ کے رکن نے پوچھا۔
’’کوہ پیما تو نہیں ، لیکن میں الپائن کلب کی اکثر میٹنگز اٹینڈ کر لیتی ہوں۔ ‘‘
’’تو اس کا مطلب ہے کہ کینیڈا میں ایک پہاڑ کا نام نانگا پربت کے نام پر رکھا گیا ہے۔۔ ۔ ۔ ۔ فنٹاسٹک۔ ‘‘
’’ جی ہاں !لیکن اس کا پورا نام نانگا پربت ماؤنٹین ہے صرف نانگا پربت نہیں۔ ‘‘
’’بہرحال آپ ہماری طرف سے مسٹر نارمل قُلی کا بہت بہت شکریہ ادا کریں ، جنہوں نے یہ نام رکھا اور پاکستان کے ایک ماؤنٹین کا تعارف کرایا۔ ‘‘
’’نارمن کولی!‘‘
’’جی … … وہی … وہی۔ ‘‘
’’وہ تقریباً پچاس سال پہلے مر چکا ہے۔ ‘‘
’’اچھا؟۔۔ پھر ہماری دُعا ہے کہ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’کھانا تیار ہے سر …۔ ‘‘ عزیز نے اچانک نمودار ہو کر اعلان کیا۔
دُعا بیچ میں رہ گئی اور سب لوگ اپنی اپنی جگہ سے اٹھ گئے۔
ہم متذبذب تھے کہ گوروں کے ساتھ ہی کھانا کھائیں یا پھر انتظار کریں کیونکہ پشاوری گروپ ڈائننگ ہال کی طرف نہیں گیا تھا، وہ لو گ یقیناً بعد میں کھانا کھاتے۔ ہم نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا اور ڈائننگ ہال کی طرف بڑھ گئے، بھوک واقعی زوروں پر تھی۔
ڈائننگ ہال میں تقریباً تمام کرسیاں بھر چکی تھیں ، ہمیں ایک کونے میں تین کرسیاں مل گئیں۔ کھانے میں ابلے ہوئے چاول، دال، مکس سبزی، اور پالک گوشت تھا … عزیز نے بتایا کہ چاول اور مکس سبزی سب لوگ شیئر کریں گے۔ دال صرف ہمارے لئے بنی تھی جبکہ پالک گوشت صرف گوروں کے لئے پکایا گیا تھا۔
طاہر نے آلو مٹر کا مطالبہ کیا کیونکہ اس نے آرڈر لکھواتے وقت خاص طور پر آلو مٹر کی فرمائش کی تھی۔
عزیز کا کہنا تھا کہ اسے تو آلو مٹر کا آرڈر ہی نہیں ملا، آرڈر عمر نے لکھوایا تھا اور اس نے صرف سبزی کہا تھا آلو مٹر نہیں کہا تھا۔ اس پر تھوڑی سی بحث ہوئی۔ عمر کا دعویٰ تھا کہ اس نے خاص طور پر آلو مٹر کہا تھا جبکہ عزیز کا کہنا تھا کہ آلو مٹر کا تو نام ہی نہیں آیا صرف سبزی کی بات ہوئی تھی۔ تھوڑی سے بدمزگی ہوئی اور طاہر کا موڈ سخت آف ہو گیا۔ لیکن ہم کیا کر سکتے تھے کوئی اور چوائس ہی نہیں تھی۔ مکس ویجیٹیبل بہت اچھی نہیں تو بہت بری بھی نہیں تھی، لیکن طاہر نے اسے انتہائی بد ذائقہ قرار دیا اور ہاتھ بھی نہیں لگایا۔ میں نے اسے کہا بھی کہ نظریں سامنے جمائے رکھو (اس کے بالکل سامنے کینیڈین حسینہ بیٹھی تھی)، ہو سکتا ہے کہ سبزی میں مرغ کا ذائقہ آ جائے لیکن اس کا ارشاد تھا :
آلو مٹر نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے
یہ مانا کہ محفل جواں ہے حسیں ہے
میں نے تھوڑی سی بے ایمانی کرتے ہوئے گوروں کے لئے پکا ہوا پالک گوشت چکھا، اور بیساختہ آنے والی اُبکائی کو بمشکل روکا۔ اس پالک گوشت میں پالک اور گوشت گرم پانی میں الگ الگ اِس طرح تیر رہے تھے جیسے ایک دوسرے سے ناراض ہوں … کچّے گوشت کی مخصوص مہک محسوس ہو رہی تھی۔۔ ۔ ۔ نمک کے علاوہ کوئی اور مصالحہ شامل نہیں کیا گیا تھا۔
ہم نے سبزی مکس اور دال چاول پر گزارا کیا جبکہ طاہر دال روٹی تک محدود رہا۔ اس نے چاولوں کو بھی ہاتھ نہ لگایا … دال اچھی بنی ہوئی تھی میں نے ایک دو گورے اور گوریوں کو دیکھا جو ہم سے بھی زیادہ بے ایمانی کرتے ہوئے دال پر ہاتھ صاف کر رہے تھے، باقاعدہ سی سی کرتے اور چٹخارے لیتے ہوئے دال اور چاول پر ہاتھ صاف کر رہے تھے۔
کھانے کے دوران میں نے نوٹ کیا کہ رحمت نبی ٹیبل کے دوسرے کنارے پر کھڑا کوئی کہانی سنا رہا تھا، جس میں بار بار میسنر کا نام آتا تھا۔ میں نے توجہ سے سننے کی کوشش کی، لیکن اُس کی آواز بہت مدھم تھی اور ہم تک ادھورے الفاظ پہنچ رہے تھے۔
٭٭٭
{ تقدیر بنی، بن کر بگڑی}
’’رحمت صاحب ہمیں بھی کچھ لفٹ کرائیں۔ ‘‘ میں نے خاصی زور دار ہانک لگائی۔
رحمت نبی نے اس غیر اخلاقی حرکت پر باقاعدہ گھور کر دیکھا اور قدرے تیز چلتے ہوئے ہمارے قریب آ گیا۔
’’جی جناب!کیا مسئلہ ہے؟‘‘
’’کوئی مسئلہ نہیں !جو داستان آپ اُدھر سنا رہے ہیں وہ ذرا اِدھر بھی۔ ‘‘
’’وہ کوئی خاص بات نہیں ہے۔ وہاں ڈاکٹر ہرلی کوفر کی تصویر لگی ہے، اسی کے بارے میں بتا رہا تھا۔ ‘‘
’’لیکن آپ تو بار بار میسنر کا نام لے رہے تھے۔ ‘‘
’’ہاں … میسنر اور ہرلی کوفر کے درمیان ایک عدالتی معاملہ کافی مشہور ہوا … اسی کے بارے میں بتا رہا تھا۔ ‘‘
’’ہرلی کوفر کا ذکر میں نے بیس کیمپ پر بھی سنا تھا … اس کا بوہل کے ساتھ کیس چلا تھا … کیا یہ شخص وکیل تھا؟‘‘
’’ارے نہیں ، یہ تو آپ کی طرح ڈاکٹر تھا۔ ‘‘ رحمت نبی نے معنی خیز انداز میں مسکراتے ہوئے کہا۔ ’’میڈیسن کی تعلیم حاصل کی تھی، لیکن شہرت اسے کوہ پیما ٹیم کے منتظم اور لیڈر کی حیثیت سے ملی۔ وہ بہت سی مہمات لیکر ہمالیہ اور قراقرم رینج میں آیا اور اس کی اکثر مہمات کا خاتمہ عدالتی کاروائی پر ہوا۔ میسنر نے الزام لگا یا تھا کو ہرلی کوفر کے غلط فیصلے نے اس کے بھائی کی جان لے لی۔ ‘‘
’’بھائی کی جان لے لی؟ … کیا مطلب! … انگلش میں بتائیں تاکہ آپ کے بقیہ مہمان بور نہ ہوں۔ ‘‘
میں نے یہ فقرہ انگلش میں کہا تو سامنے بیٹھے ہوئے گورے مہمان چونک گئے۔ انہیں موضوع کا علم ہوا تو انہوں نے فرمائش کی کہ وہ بھی یہ قصہ سننا چاہتے ہیں۔ دراصل باہر بوندا باندی شروع ہو چکی تھی اور ڈائننگ ہال میں ٹھہرنا مجبوری تھی کیونکہ فی الحال کیمپ فائر پر آگ نہیں جلائی جا سکتی تھی۔
’’میسنر کا پورا نام رائن ہولڈ میسنر ہے۔ ‘‘ رحمت نبی نے بتانا شروع کیا۔ ’’ ۱۹۷۰ء میں وہ چھبیس سال کا تھا اور اس کے بھائی گونتھر میسنر کی عمر پچیس سال تھی، جب وہ دونوں ڈاکٹر ہرلی کوفر کی زیر قیادت ایک جرمن آسٹرین مہم کے ہمراہ نانگا پربت سر کرنے روپل فیس کے بیس کیمپ میں پہنچے۔ ‘‘
’’یہ روپل فیس کہاں ہے ؟‘‘ ایک خاتون نے پوچھا۔
’’آپ کو باہر سے نانگا پربت کا جو ویو نظر آ رہا ہے یہ رائے کوٹ یا شمالی فیس ہے اس کے بالکل مخالف سمت کاویو جنوبی فیس یا روپل فیس کہلاتا ہے۔ مئی کے وسط میں چار رکنی ٹیم نے نانگا پربت سر کرنے کی مہم کا آغاز کیا۔ یہ ٹیم قدرتی طور پر دو دو ارکان کی دو ٹیموں میں بٹ گئی۔ ایک ٹیم میں رائن ہولڈ میسنر اور گونتھر میسنر تھے جبکہ دوسری ٹیم میں فیلکسکیون (Felix Kuen) اورپیٹر شلز( Peter Scholz)شامل تھے، جبکہ کیمرہ مین پانچواں رکن تھا۔ اس ٹیم نے چھ ہفتے کی صبر آزما جد و جہد کے بعد سات ہزار تین سو پچاس میٹر کی بلندی پر کیمپ فائیو قائم کر لیا۔ ‘‘
’’رحمت نبی صاحب مجھے ایک بات پر سخت حیرت ہے۔ ‘‘ میں نے دخل اندازی کی۔
’’وہ کیا؟‘‘
’’ پہلے بھی دو تین گائیڈز سے میری ملاقات ہو چُکی ہے آپ سب لوگ تاریخیں ، بلندی اور کوہ پیماؤں کے نام بڑی تفصیل اور اعتماد سے بتاتے ہیں ، کیا آپ کوہ پیمائی کی ہسٹری باقاعدہ حفظ کرتے ہیں ؟‘‘
رحمت نبی چند لمحے کچھ سوچتا رہا پھر کہنے لگا۔
’’ڈاکٹر صاحب آپ کو اِس وقت کِتنی بیماریوں کی دواؤں کے نام یاد ہیں ؟‘‘
’’سرجری سے متعلّقہ تقریباً سب کے۔ ‘‘
’’اور اُن کی ڈوزیں ؟‘‘
’’ڈوزِز بھی یاد ہی ہیں۔ ‘‘
’’کیوں ؟‘‘
’’ کیوں کا کیا مطلب؟ مجھے یاد رکھنی پڑتی ہیں ، مریض چیک کرتے وقت تو میں کتاب کھول کر دوا اور اُس کی خوراک دیکھنے سے رہا۔ ‘‘
’’یعنی یہ آپ کے پروفیشن کا تقاضا ہے؟‘‘
’’بالکل۔ ‘‘
’’یہی آپ کے سوال کا جواب ہے، ایک گائیڈ کے پروفیشن کا تقاضا ہے کہ اُسے اُن مقامات کے بارے میں مکمّل اور دُرست معلومات اَزبَر ہوں جہاں وہ اپنے کلائنٹ کو لے جانا چاہتا ہے۔ میرا معاملہ تو اور بھی مختلف ہے، میسنر میرا ذاتی دوست ہے۔ میں یہ کہانی اتی مرتبہ دوہرا چکا ہوں کہ واقعی حفظ ہو گئی ہے، اس کے علاوہ میسنر کی کتاب نیکڈ ماؤنٹین بھی میرے پاس موجود ہے جو میں نے بار بار پڑھی ہے اور ہر وہ گائیڈ جو نانگا پربت سے متعلّقہ ہے اِسے ضرور حفظ کر لیتا ہے کیونکہ اس مہم کو نانگا پربت کی تاریخ میں کلاسک کا درجہ حاصل ہے۔ آپ یقین کریں مجھے اس داستان کا ایک ایک لفظ اور ایک ایک لمحہ یاد ہے۔ یہ مہم ماؤنٹین مسٹری بھی کہلاتی ہے ایسی مسٹری جو ابھی بھی لا ینحل(Unresolved) ہے۔ ‘‘
’’کیسی مسٹری ؟آپ ہمارا اشتیاق بڑھا رہے ہیں۔ ‘‘ ایک غیرملکی نے کہا۔
’’نہ صرف مسٹری بلکہ ایڈونچر اور رومانس بھی شامل ہے اس میں … ‘‘
’’رحمت صاحب برائے مہربانی جلدی سے اس مسٹری میگزین کو ختم کریں۔ ‘‘ ایک اور آواز آئی۔
رحمت نبی ہنسے لگا۔
’’چھبیس جون کو جب کوہ پیما آخری مرحلے کے لئے کیمپ فائیو سے روانہ ہوئے تو موسم بہت زیادہ خراب تھا۔ کیمپ فائوی پر ریڈیو کام نہیں کر رہا تھا جبکہ آگے بڑھنے کے لئے موسم کی صحیح صورت حال کا جاننا ضروری تھا۔ کیمپ فور پر ٹیم کا بیس کیمپ سے آخری مرتبہ رابطہ ہُوا تھا اور یہ پروگرام بنا تھا کہ کیمپ فائیو پر انہیں سرخ یا نیلے راکٹ کے ذریعہ موسم کی صورت حال سے آگاہ کر دیا جائے گا۔ نیلا راکٹ داغنے کا مطلب ہو گا کہ موسم اچھا ہے اور مہم جاری رکھی جائے جبکہ سرخ راکٹ کا مطلب ہو گا کہ موسم خراب ہے اور ٹیم واپس لَوٹ آئے۔ ‘‘
’’ یعنی مہم ادھوری چھوڑ دی جائے؟‘‘ کسی نے پوچھا۔
’’یہی ہوتا ہے!ایوالانچوں (برفانی تودوں )کے بعد سب سے خطرناک چیز موسم ہے۔ لیکن ٹیم نے تھوڑا سا مختلف فیصلہ کیا۔ فیصلہ یہ ہوا کہ موسم اچھا ہوا تو سب لوگ ٹرائی کریں گے، اور موسم خطرناک ہوا تو صرف میسنر ٹرائی کرے گا، ایک تیز رفتار ڈیش کی صورت میں ، جو اُسے چوٹی تک پہنچا دے … میسنر کی سخت جانی اور اس کے مخصوص تیز رفتار ڈیش کے سب معترف تھے۔ ‘‘
’’میسنر خطر ناک موسم سے نہیں ڈرتا تھا؟‘‘
’’رائن ہولڈ میسنر کو ایک غیر معمولی کوہ پیما سمجھا جاتا تھا، اسی کی ضد تھی کہ وہ کو شش ضرور کرے گا، وہ کسی قیمت پر بھی نانگا پربت سے ناکام واپس جانا نہیں چاہتا تھا۔ ہرمن بوہل اس کا آئیڈیل تھا، اور وہ اپنے آئیڈیل کا کارنامہ اسی کے انداز میں دوہرانا چاہتا تھا۔ بہر حال چھبیس جون کو کیمپ فائیو پر شدید اضطراب تھا۔ وہ لوگ شدت سے روشنی کے راکٹ کا انتظار کر رہے تھے۔ رات آٹھ بجے روشنی کا جھماکا ہوا اور ایک سرخ راکٹ فضا میں بلند ہوا۔ پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق شلز اور کیون واپس کیمپ فور میں آ گئے جبکہ رائن ہولڈ میسنر، گونتھر میسنر اور کیمرہ مین وہیں رک گئے۔ ‘‘
’’کیمرہ مین کے نام کا آپ کو علم نہیں ؟‘‘ طاہر نے دخل اندازی کی۔
’’اس کا نام باؤر تھا۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور کوئی امتحان؟‘‘ رحمت نبی نے مسکراتے ہوئے کہا اور بات جاری رکھی۔ ’’رائن ہولڈ نے پیک کی طرف ڈیش کرنا تھا جبکہ گونتھر کے ذمے رسّے فکس کرنا تھا تاکہ انہیں واپسی میں آسانی ہو۔ رات اڑھائی بجے رائن ہولڈ تنہا روانہ ہوا۔ اپنے طوفانی انداز میں وہ صبح نو بجے مرکل ناچ تک پہنچ چکا تھا اور اب وہ نانگا پربت کے ڈیتھ زون میں داخل ہونے لگا تھا، جہاں ایک عمودی چڑھائی اس کی راہ روکے کھڑی تھی۔ آگے بڑھنے سے پہلے اس نے اپنے عقب میں نظر دوڑائی … اور ٹھٹک گیا … ایک کوہ پیما اسے اپنی جانب آتا نظر آیا، رائن ہولڈ نے فوراً ہی اسے پہچان لیا، وہ اس کا چھوٹا بھائی گونتھر تھا۔ ‘‘
’’یہ گونتھر کہاں سے ٹپک پڑا … آپ خود تو کہانی کو مسٹری بنانے کی کوشش نہیں کر رہے؟‘‘ ایک صاحب نے مسکراتے ہوئے پوچھا۔
’’ نیکڈ ماؤنٹین موجود ہے … آپ اس میں پڑھ سکتے ہیں کہ خود رائن ہولڈ بھی اپنے بھائی کو دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔ اسے پہلے تو شدید غصہ آیا کیونکہ اس کے پاس مناسب سامان نہیں تھا … وہ تو ایک طوفانی کوشش کرنا چاہتا تھا … وہ تنہا تھا تو زیادہ پراعتماد تھا … اب ایک اور زندگی کی ذمہ داری بھی آن پڑی … غصہ کی لہر ختم ہوئی … تو اسے قدرے اطمینان ہوا کہ اس کا بھائی بھی اِس عظیم کامیابی میں شریک ہونے والا تھا۔۔ ۔ ۔ اور اگر دونوں بھائی بیک وقت چوٹی پر پہنچتے تو یہ بھی ایک منفرد اعزاز تھا … رائن ہولڈ نے گونتھر کی ہمت بندھائی … لیکن وہ دیکھ رہا تھا کہ گونتھر بہت بری حالت میں تھا۔ وہ رائن ہولڈ سے ایک گھنٹہ بعد روانہ ہوا تھا اور رائن ہولڈ تک پہنچ گیا تھا۔۔ ۔ ۔ یعنی وہ رائن ہولڈ کی نسبت زیادہ رفتار سے آیا تھا۔ دونوں بھائیوں نے چوٹی کی جانب اپنا سفر جاری رکھا … شام پانچ بجے وہ چوٹی پر پہنچ گئے اور نانگا پربت کو روپل سائڈ سے پہلی مرتبہ سر کر کے نئی تاریخ رقم کی۔ ‘‘
’’فنٹاسٹک۔ ‘‘
’’جی ہاں … میسنر کے بقول وہ ایک انتہائی پر مسرت اور طمانیت بھرا لمحہ تھا اور ان کا خیال تھا کہ انہوں نے ایک ناقابل یقین کارنامہ سَر انجام دیا تھا، لیکن رائن ہولڈ یہ دیکھ کر پریشان ہو گیا کہ گونتھر کی حالت خراب ہوتی جا رہی تھی۔ اُس پرہائٹ اثر انداز ہو رہی تھی۔۔ ۔ ۔ چہرہ سرخ ہو رہا تھا اور سانس بے ترتیب اور دشوار ہو رہا تھا۔ وہ تقریباً ایک گھنٹہ چوٹی پر رہے اور واپسی کے سفر کا ارادہ کیا۔ لیکن گونتھر انتہائی خوفزدہ تھا۔ وہ روپل سائیڈ سے اترنے کے لئے تیار نہیں تھا۔ اس نے رائن ہولڈ کو مشورہ دیا کہ انہیں دیا مری فیس کی جانب سے اترنا چاہئے جو نسبتاً کم ڈھلوانی اور کم خطر ناک تھا، اور اِس جانب کے بیس کیمپ تک پہنچنے کے لئے چار سو میٹر فاصلہ کم طے کرنا پڑتا تھا۔ ‘‘
’’ لیکن کیایہ زیادہ خطر ناک نہیں تھا ؟انہیں کیا علم تھا کہ دیا میر سائڈ کے حالات کیسے ہیں ؟روپل سائیڈ پر تو ان کے کیمپ موجود تھے، وہ صرف کیمپ فور تک پہنچ جاتے یا شاید کیمپ فائیو تک بھی، تو انہیں مدد ملنے کا امکان تھا۔ ‘‘ اُس کینیڈین خاتون نے اعتراض کیا جو الپائن کلب کی ممبر تھی۔
’’اِسکا جواب تو میسنر ہی دے سکتا ہے۔ ‘‘
رحمت نبی نہ جانے کیوں اِس سوال کے جواب سے کنّی کترا گیا، لیکن یہ انتہائی اہم سوال تھا، اور اس کا جواب نیکڈ ماؤنٹین میں موجود تھا جس کے بارے میں رحمت نبی کا دعویٰ تھا کہ اُسے حفظ ہے۔
یہ کتاب میں نے واپس آ کر پڑھی۔ میسنر کا موقف ہے کہ گونتھر نے روپل فیس کی جانب سے واپس جانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ وہ چوٹی کے پاس والی عمودی چڑھائی (اب ڈھلان )سے خوفزدہ تھا اور اسے یقین ہو گیا تھا کہ وہ وہاں سے پھسل جائے گا کیونکہ اُسے ہائٹ لگ چُکی تھی۔ دیا میر فیس قدرے کم ڈھلوانی اور آسان سمجھا جاتا ہے۔ گونتھر کا موقف تھا کہ وہ سات ہزار میٹر کی بلندی پر واپس چلے گئے تو اس کی حالت سنبھل جائے گی، لہٰذا انہیں آسان ترین راستہ منتخب کرنا چاہئے۔ ان کے پاس سوچ بچار کا وقت نہیں تھا کیونکہ سورج غروب ہونے والا تھا اور اندھیرا ہونے کے بعد اُترنا تقریباً ناممکن تھا۔ وہ جتنی دیر تک اس بلندی پر رہتے گونتھر کی زندگی خطرے میں رہتی کیونکہ بلندی کی وجہ سے لگنے والی بیماری کا واحد علاج یہی ہے کہ مریض کو فوری طور پر بلندی سے نیچے لے آیا جائے، دیر ہونے کی صورت میں مریض کے دماغ اور پھیپھڑوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے اور زندگی بچنے کے امکانات معدوم ہو جاتے ہیں۔ لہٰذا انہوں نے دیا میر فیس کی طرف سے اترنا شروع کر دیا جو اُترنے کے لئے آسان راستہ تھا کیونکہ اس جانب چوٹی کے نزدیک اُترائی بتدریج تھی، عمودی نہیں تھی۔ رات کو داغے جانے والے سرخ راکٹ نے بھی یہ فیصلہ کرنے میں اہم رول ادا کیا کیونکہ اس کے مطابق روپل فیس کی جانب موسم انتہائی خطر ناک تھاجبکہ دیا میر فیس پر حالات کچھ بہتر معلوم ہوتے تھے۔ رائن ہولڈ نے محسوس کیا کہ شاید یہ فیصلہ درست تھاکیونکہ جیسے جیسے بلندی کم ہوتی گئی گونتھر کی حالت سنبھلتی گئی۔ رائن ہولڈ مطمئن ہو گیا، اُس نے سوچا کہ آسان ترین راستہ اختیار کر کے ہر ممکن حد تک بلندی کم کر لی جائے تاکہ گونتھر کی زندگی کو لاحق خطرہ کم ہو جائے۔ گونتھر اگر فِٹ ہو جاتا اور انہیں مدد مل جاتی تو وہ دوبارہ روپل فیس کے روٹ کو اختیار کر سکتے تھے۔
ستائیس اور اٹھائیس جون کی درمیانی رات دونوں بھائیوں کے لئے قیامت کی رات ثابت ہوئی۔ انہوں نے یہ رات منفی تیس درجے سنٹی گریڈ میں سلیپنگ بیگز کے بغیر ایک برفانی غار میں گذاری اور رائن ہولڈ لکھتا ہے کہ وہ ساری زندگی اس رات کو بھول نہیں سکتا۔ گونتھر کا ان حالات میں بچ جانا ایک معجزہ ہی تھا۔ صبح کی روشنی پھیلی تو انہیں اپنی زندگی کا یقین آیا اور واپسی کا سفر دوبارہ شروع ہوا۔ رائن ہولڈ کی نظر دو کوہ پیماؤں پر پڑی جو روپل فیس والے روٹ پر چوٹی کی جانب بڑھ رہے تھے۔۔ ۔ ۔ یہ کیون اور شلز تھے۔۔ ۔ ۔ رائن ہولڈسمجھا کہ شاید ان کے لئے مدد آ گئی ہے … اس نے انہیں آوازیں دے کر متوجہ کرنا چاہا … اور وہ متوجہ ہوئے بھی … میسنر نے انہیں کہا کہ انہیں کوہ پیمائی کے رسّے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پرانے یعنی روپل فیس والے روٹ تک پہنچ سکیں۔ لیکن ان کے پاس فالتو رسا تھا ہی نہیں اور فاصلہ اتنا تھا کہ آواز صحیح طور سے سمجھ نہیں آ رہی تھی۔ اُنہوں نے میسنر سے اُس کی خیریت پوچھی۔ میسنر نے جواب دیا کہ باقی سب کچھ تو ٹھیک ہے لیکن اُنہیں رسّے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے ’’سب کچھ تو ٹھیک ہے‘‘ پر یقین کیا ا ور آگے بڑھ گئے۔
میسنر نے لکھا ہے کہ اب ان کے پاس واپسی کے تمام راستے بند ہو چکے تھے۔ کیونکہ روپل فیس والے روٹ پر پہنچنے کے لئے انہیں دو سو میٹر عمودی چڑھائی عبور کرنی تھی، جو رسّوں کی غیر موجودگی میں گونتھر کے لئے کسی طرح بھی ممکن نہیں رہا تھا، اس لئے اب دیا میر فیس سے اترنے کے سواکوئی اور راستہ نہ تھا۔ جس انداز میں انہوں نے گذشتہ رات گزاری تھی اس کے بعدگونتھر کے لئے مزید چڑھائی ممکن ہی نہیں تھی۔ رائن ہولڈ آگے تھا اور راستہ بنا رہا تھا جبکہ گونتھر اس کے نقش پا کا تعاقب کر رہا تھا، لیکن ان کا درمیانی فاصلہ بڑھتا جا رہا تھا۔ چھتیس گھنٹے کی کٹھن جدوجہد کے بعد رائن ہولڈ بیس کیمپ کے قریب پہنچ گیا۔ اس کے خیال میں گونتھر تقریباً ایک گھنٹہ پیچھے تھا۔ وہ گونتھر کا انتظار کرنے لگا اور یہ انتظار طویل ہوتا گیا حتیٰ کہ رات سر پر آ گئی۔ رائن ہولڈ کی اپنی حالت بھی ٹھیک نہیں تھی، اس کی نظروں کے سامنے منظر دھندلا رہا تھا … ہاتھ پاؤں سن ہو چکے تھے۔۔ ۔ قدم اُٹھانا دو بھر ہو چکا تھا۔۔ ۔ ۔ ۔ لیکن گونتھر؟۔۔ ۔ گونتھر کہاں تھا؟
۔ وہ گونتھر کی تلا ش میں واپس ہوا اور کچھ دور جا کر یہ دیکھ کر اس کا دل بیٹھ گیا کہ جس راستے پر چلتا ہوا وہ آیا تھا، ایک عظیم الجثّہ برفانی تودے نے اُسے مسدود کر دیا تھا۔ وہ خالی خالی نظروں سے اس تودے کے طرف دیکھتا رہا۔
کیا گونتھر اس تودے کے نیچے دب چکا تھا؟
کیا تقدیر کے کھیل کا منصف شاندار انداز میں جیتی ہوئی بازی کو بد ترین مات قرار دے چکا تھا؟
صدمے نے اس کے دل و دماغ کو شل کر دیا۔ اس نے پاگلوں کی طرح اپنے بھائی کی تلاش شروع کر دی۔۔ ۔ ۔ چوبیس گھنٹے کی ناکام جدّوجہد کے بعد جب اسے تقدیر کی بازی مکمل طور پر ہار جانے کا یقین ہو گیا تو اس نے روتے ہوئے واپسی کا سفر شروع کیا۔ بمشکل بیس کیمپ تک پہنچا اور نڈھال ہو کر نیچے گر پڑا۔ چند مقامی لوگوں نے اسے اس حا ل میں پایا کہ اُس کی سانس اُکھڑ چُکی تھی اور ہاتھوں اور پیروں کی انگلیاں گل چکی تھیں۔
دیہاتیوں نے اپنے ٹوٹکے آزمائے … چمچ سے خوراک اُس کے حلق سے اُتاری گئی … جسم کو حرارت ملی تو وہ ہوش میں آ گیا۔ وہ مقامی لوگوں کی زبان نہیں جانتا تھا … اشاروں سے کام چلایا گیا اور جوں توں کر کے وہ گلگت پہنچا جہاں اس کی ملاقات اپنی ٹیم کے بقیہ ممبران سے ہوئی، اور یہیں سے مسٹری کا آغاز ہوا۔
رائن ہولڈ کو علم ہوا کہ چھبّیس جون کو داغا جانے والا سُرخ راکٹ غلط تھا … ورنہ موسم صاف تھا اور نیلا راکٹ داغا جانا چاہئے تھا۔ میسنر کے لئے یہ بہت بڑا جھٹکا تھا، اُس کا خیال تھا کہ راکٹ داغنے کی یہ غلطی نہ ہوتی تو اس کا بھائی آج سلامت ہوتا … وہ کم از کم دیا میر فیس کی جانب سے اُترنے کا فیصلہ نہ کرتے۔۔ ۔ ۔ ٹیم جب واپس جرمنی پہنچی تو میسنر نے ہر لگ کوفر پر پیشہ ورانہ کوتاہی کا کیس کر دیا، اور اُسے اپنے بھائی کی موت کا ذمّہ دار ٹھرایا۔
ہرلگ کوفر نے دفاع کی بجائے جارحانہ انداز اپنایا اور موقف اختیار کیا کہ بیاتدی غلطی گونتھر کی تھی، اس نے ٹیم لیڈر کے فیصلے سے اختلاف کیا اور مارا گیا۔ اسے موسم خراب ہونے کا یقین ہونے کی صورت میں واپس آ جانا چاہئے تھا۔ اگر اُس نے اس فیصلہ پر عمل کیا ہوتا تو زندہ سلامت ہوتا۔ اس نے رائن ہولڈ پر بھی الزام لگایا کہ رائن ہولڈ نے دراصل شہرت حاصل کرنے کی خواہش پر اپنے بھائی کو قربان کر دیا۔ اُس نے عدالت میں گواہ پیش کئے جنہوں نے بیان دیا کہ رائن ہولڈ نے مہم شروع ہونے سے پہلے نانگاپربت سَر کرنے کے بجائے نانگا پربت عبور (TRAVERSE) کرنے کا مصمّم ارادہ کیا ہوا تھا۔ وہ آٹھ ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹی کو ایک جانب سے سَر کر کے، مخالف سِمت سے اُترنے والے۔۔ ۔ ۔ یعنی مکمّل طور پر عبور کرنے والے پہلے اِنسان کے طور پَر کوہ پیمائی کی تاریخ میں اپنا نام درج کروانا چاہتا تھا اور اپنی اِس خواہش کی تکمیل کے لئے اُس نے اپنے بھائی کو قُربان کر دیا۔
ہرلگ کوفر نے خیال ظاہر کیا کہ یا تو گونتھر چوٹی پر پہنچ ہی نہیں سکا تھا، یا پھر رائن ہولڈ نے اسے روپل سائڈ سے واپس جانے کے لئے کہا اور خود اکیلا دیامیر فیس سے نیچے اتر آیا۔ گونتھر کو ہائٹ لگ چکی تھی وہ روپل سائڈ سے اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا۔ اُس کے بقول برفانی تودے کی کہانی من گھڑت تھی تاکہ دنیا کو مطمئن کیا جا سکے اور اُسے بھائی کو تنہا چھوڑنے کے الزام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میسنر کی کہانی کا گواہ خود میسنر ہی تھا۔ کیون اور شلز نے جو اگلے دن چوٹی کی طرف بڑھ رہے تھے صرف رائن ہولڈ کو دیکھا تھا، گونتھر ان کی نظروں کے احاطے میں نہیں آیا تھا۔ اب تک یہ بات راز ہے کہ گونتھر کی موت میسنر کے دعویٰ کے مطابق دیا میر فیس پر ہوئی یا واقعی اس نے اپنے بھائی کو اپنی خواہش پر قربان کر دیا اور وہ تنہا روپل فیس سے واپسی کے سفر میں ہلاک ہوا۔
رحمت نبی نے یہ کہانی قدرے مختصر انداز میں سنائی تھی اور واقعات میں بھی کچھ اختلاف تھا۔ اُس کی بات مکمّل ہوئی تو طاہر نے کہا:
’’ایڈونچر اور سسپنس تو اس میں آ گیا … آپ نے رومانس کا بھی ذکر کیا تھا … وہ رومانس کدھر ہے ؟‘‘
رحمت نبی کے ہونٹوں پر مسکراہٹ آ گئی۔
’’رومانس بعد میں ہوا، رائن ہولڈ کی انگلیاں گل گئی تھیں آسٹریا میں اس کا آپریشن ہوا اور آپریشن کے بعد اُس نے مہم کے ایک ساتھی اور قریبی دوست وان کینلِن کے گھر آرام کیا۔ یہاں وان کی بیوی اُرسلاڈیمیٹر((Ursula Demeter، میسنر کے عشق میں گرفتار ہو گئی۔ یہ طوفانی عشق تھا اور چھپایا بھی نہیں گیا۔ وان کو پتہ چلا تو اسے شدید صدمہ ہوا، اُس نے اپنی بیوی کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن عشق کا گھوڑا بے لگام ہو چکا تھا۔ اُرسلا نے وان کینلن سے طلاق لے کر رائن ہولڈ سے شادی کر لی جو سات سال تک قائم رہی اور پھر طلاق ہو گئی۔ ‘‘
رحمت نبی نے داستان مکمل کی اور ہاتھ جھاڑتا ہوا کچن کی طرف چلا گیا۔ بارش ہلکی ہلکی بوندا باندی میں تبدیل ہو چکی تھی۔ کچھ دیر ماؤنٹین مسٹری پر تبادلہ خیالات ہوتا رہا لیکن یہ فیصلہ نہ ہو سکا کہ اصل قصوروار کون تھا؟
سب لوگ اب باہر نکلنے کا سوچ رہے تھے۔
طاہر ہاتھ دھونے واش بیسن کی طرف چلا گیا اور واپس آ کر بتایا کہ رحمت نبی اپنے سٹاف پر غصہ ہو رہا تھا کہ انہوں نے ہمیں غیر ملکیوں کے ساتھ کھانا سَرو کیوں کیا ؟مجھے یا د آیا کہ رحمت نبی نے کھانے کے درمیان ہمیں مخاطب کرتے ہوئے بھی کہا تھا کہ آپ بھی اِن کے ساتھ آ گئے۔ رحمت نبی واپس آیا تو میں نے پوچھ ہی لیا :
’’رحمت صاحب آپ اپنے لوگوں پر ناراض ہو رہے ہیں کہ ہمیں غیر ملکیوں کے ساتھ بیٹھنے کیوں دیا ؟‘‘
’’نہیں تو … میں ناراض تو نہیں ہوا۔ ‘‘ وہ کھسیا گیا۔
’’ آپ اپنے سٹاف کی نظروں میں ہمیں ڈی گریڈ کریں گے تو یہ کوئی اچھی بات نہیں ہو گی۔ ‘‘
’’میں آپ کو ڈی گریڈ کیسے کر سکتا ہوں ، آپ کو ڈی گریڈ کرنے کا مطلب تو خود کو ڈی گریڈ کرنا ہے۔ ‘‘
’’ پھر ان کو ڈانٹ کیوں رہے تھے۔ ‘‘ طاہر نے پوچھا۔
’’ بات دراصل یہ ہے کہ یورپین کھانے پھیکے اور بے ذائقہ ہو تے ہیں جو پاکستانیوں کو پسند نہیں آتے اور وہ بعد میں اعتراض کرتے ہیں ، اس لئے میں کوشش کرتا ہوں کہ پاکستانی الگ کھانا کھائیں۔ ‘‘
’’ لیکن ہم نے تو کوئی اعتراض نہیں کیا، اور یہ تو آپشن ہونا چاہئے، اگر ان لوگوں کو اور ہمیں کوئی اعتراض نہیں تو آپ کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔ ‘‘
’’میں بالکل اعتراض نہیں کر رہا … اور آئندہ دھیان بھی رکھوں گا کہ پاکستانی مہمانوں کو یہ شکایت نہ ہو، آپ لوگ غیر ملکیوں سے زیادہ محترم ہیں۔ ‘‘
رحمت نبی نے نہایت خوبصورتی سے بات نبھائی، لیکن شمالی علاقہ جات میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی قدرو قیمت میں اتنا ہی فرق ہے جتنا روپے اور ڈالر کی قدر میں ہے۔ رائے کوٹ سرائے توایک انٹرنیشنل سپاٹ بن چکا ہے، غیر ملکی سیاح زیادہ تر یہیں ٹھہرنا پسند کرتے ہیں۔ فرری میڈوز میں اور بہت سے ہوٹلز ہیں لیکن رائے کوٹ سرائے اِس لحاظ سے منفرد ہے کہ یہاں پر نانگا پربت کا بہترین منظر ہر وقت نظروں کے سامنے رہتا ہے۔ رحمت نیک اور عزیز کی گہری دلچسپی اور محنت نے رائے کوٹ سرائے کا معیار قائم رکھا ہوا ہے۔
’’ڈاکٹر صاحب کیمپ فائر پر تو بیٹھیں گے ناں ؟‘‘ رحمت نبی نے پوچھا۔
’’ضرور بیٹھیں گے بشرطیکہ آپ مائنڈ نہ کریں۔ ‘‘
’’ شرمندہ نہ کریں ڈاکٹر صاحب، یقین کریں ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ ‘‘
بار ش تقریباً رک گئی تھی، سب لوگ ایک ایک کر کے اپنے خیموں یا پھر لان میں پڑے بنچوں کی طرف روانہ ہو گئے۔ آگ ظاہر ہے بجھ چکی تھی، رحمت نبی خشک لکڑیاں لے آیا اور آگ سُلگانے لگا۔
٭٭٭
{دل دے دیا ہے، جاں تمہیں دیں گے}
طاہر کا موڈ سخت آف تھا، اس لئے اس نے کیبن کا رخ کیا جبکہ میں اور عمر بنچوں پرا گئے۔ آگ کی روشنی پھیلی تو لوگ دوبارہ جمع ہو گئے اور باقاعدہ کیمپ فائر کا سماں پیدا ہو گیا۔ میں ، عمر، رحمت نبی اور اس کا ایک دوست مقامی لوگوں کی نمائندگی کر رہے تھے جبکہ باقی سب غیر ملکی تھے۔ رحمت نبی نے کیمپ فائر کے آداب سے آگاہ کیا۔
صرف ایسی زبان بولی جائے گی جو سب سمجھ لیں یعنی انگلش۔
ہر فرد تھوڑا بہت حصہ ضرور لے گا۔
چھوٹے موٹے جوک کو مائنڈ نہیں کیا جائے گا۔
دیدہ دانستہ کسی کی دلآزاری نہیں کی جائے گی۔
سیاسی گفتگو سے مکمل پرہیز کیا جائے گا۔
’’اور جو ایونٹ کا آغاز کرے گا وہ کنگ آف دا ڈے ہو گا۔ ‘‘ رحمت نبی نے اعلان کیا۔
’’ اس نے کوئین آف دا ڈے کا مطالبہ کر دیا تو ؟‘‘ تنہا اور اداس جاپانی نے سوال کیا، لیکن جواب کسی نے نہ دیا۔
سب نے ایک دوسرے سے کچھ نہ کچھ سنانے کی فرمائش کرنا شروع کر دی تھی۔ میں نے عمر کو اُکسایا کہ اگر وہ کوئی گانا سنا دے تو کنگ آف دا ڈے بننے کے پورے پورے چانسز ہیں۔
’’آپ خود کیوں نہیں سنا دیتے؟‘‘
’’ایک تو مجھے کوئی گانا نہیں آتا، یہ کوئی عمر ہے گانا یاد رکھنے کی؟اور دوسرے یہ کہ میری آواز سے یہ سب لوگ ڈر جائیں گے اور تیسری بات یہ ہے کہ سُرخ شرٹ والی تمہارے بالکل سامنے بیٹھی ہے پس ثابت ہوا کہ تمہیں گانا چاہئے۔ ‘‘
عمر کے چہرے سے لگ رہا تھا کہ اس کا دل تو چاہ رہا ہے، ہمت نہیں ہو رہی۔ اس کا انداز نیم رضا مندی والا تھا۔ اُسے آمادہ ہوتا دیکھ کر اور لوگوں نے بھی اُس کی ہمّت بندھائی۔
’’ اگر تم گانا شروع کرو تو میں تمہارا ساتھ دوں گی۔ ‘‘ ایک خاصی دلکش خاتون نے پیش کش کی۔
’’چلو یار شروع ہو جاؤ، کوئین آف دا ڈے بھی آمادہ ہو گئی ہے۔ ‘‘ میں نے زور سے کہا اور کئی لوگ ہنس پڑے۔
چند لمحے کے تذبذب کے بعد عمر نے گانا شروع کیا:
’’ دل دیدیا ہے، جان تمہیں دیں گے … دغا نہیں کریں گے صنم۔۔ ۔ ۔ ‘‘
خاتون نے حسبِ وعدہ عمر کا ساتھ دینے کی بھرپور کوشش کی لیکن الفاظ اور لہجہ دونوں نامانوس تھے اس لئے وہ زیادہ کامیاب نہ رہی۔ البتہ عمر کے لہجے کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ ساتھ اس کا جسم لچکتا رہا اور عمر نے نان سٹاپ انداز میں اس پر نظریں جمائے ہوئے گانا مکمل کیا۔ گانے کے اختتام تک اس کی آواز کی کپکپاہٹ غائب ہو چکی تھی۔ گانا ختم ہوا تو تالیوں کا شور بلند ہُوا۔ الفاظ کے اتار چڑھاؤ اور ردھم سے سب لطف اندوز ہوئے۔
عُمر کے بعد اچانک ایک اطالوی نے گانا شروع کر دیا۔ اُس نے غالباً مزاحاً یہ حرکت کی تھی کیونکہ اس کی آواز کافی بھدی اور کرخت تھی۔ باقاعدہ ہاتھ پاؤں جوڑ کر اس سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنا منہ بند رکھے۔
’’بٹ آئی ہیو فل رائٹ تو سنگ اے سانگ۔ ‘‘ اس نے مضحکہ خیز انداز میں احتجاج کرتے ہوئے کہا۔
’’یس۔۔ ۔ ۔ نو ڈاؤٹ۔۔ ۔ ۔ ۔ ہر شخص کو گانے کا حق حاصل ہے۔۔ ۔ ۔ لیکن انسانی آواز میں۔ ۔ ۔ ۔ گدھے کی آواز میں نہیں۔ ‘‘ اُس کی اپنی ساتھی نے شوخ نظروں سے اس کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔
’’یو کالڈ میں ڈنکی؟‘‘ اُس نے جارحانہ انداز میں کہا۔
’’آئی فیل یو ڈنکی۔ ‘‘ اس نے ترکی بہ ترکی جواب دیا۔
اُس نے احتجاجاً دوبارہ گانا شروع کرنا چاہا تو پاس بیٹھے ہوئے شخص نے اس کے منہ پر ہاتھ رکھ دیا۔
’’میں اب اسے آواز نہیں نکالنے دوں گا، براہ مہربانی کوئی خوبصورت خاتون اپنی سریلی آواز میں گانا شروع کر دے تاکہ اس کی آواز کے مضر اثرات سے چھٹکارا مل جائے۔ ‘‘
’’میں آپ کو …۔ ‘‘ کینیڈین خاتون نے کچھ کہنا چاہا۔
’’ نہیں … نہیں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ آپ نہیں … میں نے درخواست کی ہے کہ کوئی خوبصورت خاتون … … !‘‘ اس نے شدت سے احتجاج کیا۔
اس پر ایک قہقہہ پڑا … کیونکہ وہ خاتون بلا مبالغہ اور بلا مقابلہ یہاں موجود خواتین میں سب سے نمایاں تھی۔ ایک لمحہ کے لئے تو اس کا رنگ فق ہو گیا لیکن شرارت کو محسوس کرتے ہوئے و ہ خود بھی ہنسنے لگی۔
’’ آپ گانا سنائیں ، یہ خواہ مخواہ بکواس کر رہا ہے۔ ‘‘ کسی اور نے فرمائش کی۔
’’نہیں !۔۔ ۔ ۔ میں نہیں … پلیز !آپ گانا سنا دیں۔ ‘‘ اس نے ایک خاصی لمبی تڑنگی اور پہلوان نما فرانسیسی خاتون سے درخواست کی۔
’’ارے نہیں … میں تو واقعی بکواس کر رہا تھا، آپ تو بہت خوبصورت لگ رہی ہیں ، آپ کی گلابی رنگت پھولوں کی شادابی کو مات دے رہی ہے، آپ کی آنکھوں کے ستارے آسمان کے ستاروں سے زیادہ روشن ہیں اور آپ کی آواز تو … ‘‘
’’سٹاپ اٹ … سٹاپ اِٹ۔۔ ۔ ۔ ۔ تم میری ساتھی کو ورغلانا چاہتے ہو؟‘‘ خاتون کے ساتھی نے آنکھیں نکالتے ہوئے اُس کی بات کاٹ دی۔
’’کون کہتا ہے کہ میں چاہتا ہوں ؟میں تو سچ مچ ورغلا رہا ہوں۔ لیکن میں اکیلا کیا کر سکتا ہوں ؟ ان کا بھی تو فرض ہے کہ میری مدد کریں۔ ‘‘
’’کیا یہ کوئی مذاق ہے؟‘‘ اس نے تیز لہجہ میں کہا۔
’’ہرگز نہیں … ہرگز نہیں … میں سو فیصد سنجیدہ ہوں۔ ‘‘
’’پھر میں سو فیصد مائنڈ کر رہا ہوں۔ ‘‘ اُس نے اُٹھنا چاہا لیکن اُس کی ساتھی نے اُسے اُٹھنے نہیں دیا۔
’’ڈونٹ بی سلی، اِٹ اِز جسٹ اے جوک۔ ‘‘ اس کے ساتھ ہی اُس نے گانا شروع کر دیا۔ کچھ غیر ملکیوں نے خاتون کا ساتھ دیا اور یہ گانا اچھے خاصے ہلے گلے کے ساتھ ختم ہوا۔ ہمیں الفاظ تو سمجھ نہ آئے، حرکات سے لُطف اندوز ہوئے۔
’’ آپ بھی تو کچھ سنائیں۔ ‘‘ ایک شخص نے جاپانی سے فرمائش کی۔
’’مجھے گانا نہیں آتا۔ ‘‘ وہ گھبرا کر بولا۔
’’کچھ اور سنا دیں۔ ‘‘
’’مثلاً؟‘‘
’’مثلا ً ٹونکل ٹونکل لٹل سٹار۔ ‘‘
’’ٹھیک ہے … میں آپ کو نظم سناتا ہوں۔ جب سے میں فیری میڈوز آیا ہوں ، کرسٹو فرمار لو کی ایک نظم مجھے بار بار یاد آ رہی ہے، مجھے لگتا ہے وہ یہیں کے بارے میں کہی گئی ہے۔ ‘‘
’’ویری نائس۔ ‘‘
اُس نے کھنا ر کر گلا صاف کیا اور قدرے ترنم سے نظم کا یہ بند سنایا۔
Come, live with me, and my love,
And we will all the pleasures prove,
That valleys, grooves, hills and fields
Wood or steepy mountains yield.
’’تم میرے پاسا جاؤ اور مرsی محبت کی چھاؤں میں بسیرا کر لو تو ہم ثابت کر سکتے ہیں کہ یہ خوبصورت وادیاں ، گھاٹیاں ، چٹانیں ، سبزہ زار اور یہ فلک بوس پہاڑ بے بہا مسرّتوں کو جنم دیتے ہیں۔ ‘‘
’’اوہ ونڈر فل … ویری نائس … فنٹاسٹک۔ ‘‘ تالیوں کی گونج کافی بلند تھی۔ جاپانی کے انداز اور الفاظ نے دِلوں کو چھو لیا تھا۔ کئی جوڑوں نے وہی کچھ کیا جو اُنہیں یہ رومانوی نظم سُن کر کرنا چاہئے تھا۔
’’ تمہارے الفاظ کئی نغموں پر بھاری ہیں۔ ‘‘
’’یہ میرے نہیں مارلو کے الفاظ ہیں۔ ‘‘
’’لیکن ادائیگی اور موقع محل کا انتخاب تو تمہارا تھا، جس کے لئے تم سو فیصد مارکس کے مستحق ہو۔ ‘‘
’’شکریہ۔ ‘‘
مجھے شک تھا کہ یہ اشعار ولیم شیکسپیئر کی کسی نظم کا حصہ ہیں اور میں انہیں پہلے بھی سن چکا ہوں ، لیکن انگلش ادب میں نے بہت زیادہ نہیں پڑھا ہے اس لئے کسی قسم کے تبصرے یا تصحیح کی جرأت نہیں کی۔
’’کسی کو پتہ ہے کہ کوہ پیمائی اور محبت میں کیا فرق ہے ؟‘‘ یہ سوال ایک جرمن نے پوچھا۔
محبت اور کوہ پیمائی ؟یہ کیسا سوال ہے اور ان کا آپس میں کیا موازنہ ہے۔ ‘‘ ایک حیرت زدہ آواز آئی۔
’’موازنہ تو ہے۔ ‘‘ اُس نے زور دے کر کہا۔ ’’اور بہت دلچسپ ہے، کسی کو پتہ ہے تو بتائے۔ ‘‘
’’آپ کو پتہ ہے؟‘‘
’’پتہ ہے۔ ‘‘
’’تو آپ خود ہی بتا دیں۔ ‘‘
’’ نوٹ کر لیں کہ کوہ پیمائی کو محبت پر دس باتوں میں فوقیت حاصل ہے۔ ‘‘
۱۔ ٹوٹی ہوئی ہڈی جوڑنا ٹوٹے ہوئے دل کو جوڑنے سے آسان ہے۔
۲۔ آپ کے اور پہاڑوں کے تعلق سے بچے پیدا نہیں ہوتے۔
۳۔ اگر آپ چڑھتے ہوئے رک بھی جائیں تو پہاڑ ناراض نہیں ہوتا۔
۴۔ اگر آپ پہاڑ سر کرنے کی سالگرہ نہ منائیں تو پہاڑ مائنڈ نہیں کرتا۔
۵۔ اگر آپ کسی وقت ناکام ہو جائیں تو شرمسار نہیں ہونا پڑتا۔
۶۔ آپ آسانی سے نئے ساتھی کی تلاش کر سکتے ہیں۔
۷۔ آپ کے اور آپ کے ساتھی کے درمیان رابطہ یقینی ہوتا ہے۔
۸۔ آپ اور پہاڑ بیک وقت لطف اندوز ہوتے ہیں۔
۹۔ کوہ پیمائی میں آپ قدرتی آفات سے محفوظ رہنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
۱۰۔ کوہ پیمائی شروع کرنے کے لئے آپ کو فریق دوئم کی رضامندی کی ضرورت نہیں۔
ان کوٹس کو سُن کر غیر ملکی تو خاصے لطف اندوز ہوئے ہمیں کچھ سمجھ نہ آئی۔
’’پلیز دوبارہ بتائیں ، میں نے لکھنے ہیں۔ ‘‘ کسی نے فرمائش کی۔
’’اور میں نے بھی !‘‘ ایک اور آواز آئی۔
اُس نے یہ پوائنٹس دوہرائے تومیں نے بھی ان کو لکھ لیا حالانکہ الاؤ کی روشنی میں لکھنا کافی مشکل تھا۔ انگلش میں اِن کا ’’سُواد‘‘ کچھ اور تھا، ترجمہ میں وہ بات پیدا نہ ہو سکی۔
’’ ہم نے سنا تھا کہ کیمپ سائٹس پر پورٹرز بلتی ڈانس کرتے ہیں اور گانے وغیرہ سناتے ہیں ، یہاں تو کوئی پورٹر نظر نہیں آ رہا؟‘‘ رحمت نبی سے سوال کیا گیا۔
’’ وہ آپ نے کے۔ ٹو بیس کیمپ ٹریک کے بارے میں سنا ہو گا، جہاں پورٹرز تین ہفتوں کے لئے اپنے گھروں سے دور ہوتے ہیں اور رات کو ہلّا گلّا کر لیتے ہیں ، یہاں تو ان کا گھر چند قدموں کے فاصلے پر ہے اس لئے وہ اپنی بیویوں کے پہلو میں رہنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ‘‘ ’’ کیا ایک آدھ رات کے لئے بھی وہ اپنی بیویوں سے دور نہیں رہ سکتے؟‘‘
’’عام حالات میں تو رہ سکتے ہیں ، لیکن آجکل سارا دن آپ لوگوں کی صحبت میں رہنے کے بعد رات گھر میں بسر کرنا واجب ہو جاتا ہے۔ ‘‘
اس پر ایک زور دار قہقہہ بلند ہوا۔
’’ او۔ کے، میں پوری کوشش کروں گا کہ کل آپ کے لئے پورٹرز کے ڈانس کا بندوبست ہو جائے۔ ‘‘ رحمت نبی نے وعدہ کیا۔
رات اب ڈھل چُکی تھی۔ اور لوگ اٹھنا شروع ہو گئے تھے۔
’’نونہال … نونہال ہے ادھر؟ ‘‘ اچانک ایک نسوانی آواز آئی۔
’’ نونہال تم کہاں ہو؟‘‘ اُس نے دوبارہ ہانک لگائی۔
’’عجیب احمق عورت ہے!رات کے اس پہر میں نونہال کو تلاش کر رہی ہے، یہ وقت تو کسی نوجوان کو پکارنے کا ہے۔ ‘‘ عمر نے تبصرہ کیا۔
’’نونہال یہاں نہیں ہے۔ ‘‘ رحمت نبی نے جواب دیا۔
’’ اور مرسلیا؟‘‘
’’کون مرسلیا؟‘‘
’’ہمارے گروپ کی ممبر ہے۔ ‘‘
’’نونہال اور مرسلیا دونوں غائب ہیں ؟‘‘
’’ہاں دونوں غائب ہیں ، میں کافی دیر سے انہیں تلاش کر رہی ہوں۔ ‘‘
’’لیکن تم کیوں تلاش کر رہی ہو ؟‘‘ ایک خاتون نے معنی خیز لہجے میں پوچھا۔ ’’وہ دونوں خود ہی ایک دوسرے کو تلاش کر لیں گے۔ ‘‘
اٹالین خاتون چند لمحے خاموش کھڑی رہی پھر واپس چلی گئی۔
’’یہ نونہال کون ہے؟ کوئی پاکستانی ہے؟‘‘ میں نے رحمت نبی سے پوچھا۔
’’آپ نونہال سے نہیں ملے؟‘‘
’’پتہ نہیں۔ ۔ ۔ تعارُف تو نہیں ہُوا۔ ‘‘
’’ نونہال کا تعلّق ہنزہ کے شاہی خاندان سے ہے، اور وہ ہنزہ کے آخری بادشاہ کا پوتا ہے۔ خاندانی جاگیر تقسیم ہو چُکی ہے اور نادر شاہی اخراجات پورے کرنے کے لئے ناکافی ہے، اِس لئے اُس نے ایک گائیڈ کا پیشہ اختیار کر لیا ہے۔ یہ لڑکی جو اسے پکار رہی تھی یہ بھی گائڈی ہے، اٹلی سے ایک گروپ لے کر آئی ہے اور مقامی گائیڈ کے طور پر نونہال کا انتخاب کیا ہے۔ ‘‘
’’ لیکن مجھے تو اس گروپ کے ساتھ کوئی مقامی شخص دکھائی نہیں دیا۔ ‘‘
’’نونہال دیکھنے میں مقامی نہیں لگتا، آپ نے اسے غیر ملکی ہی سمجھا ہو گا۔ ‘‘
محفل اب بکھر چکی تھی۔ میں اور عمر بیٹھے رہے۔
’’ڈاکٹر صاحب! آج کا دن اور یہ کیمپ فائر عرصے تک یاد رہے گا۔ ‘‘
’’تمہیں کیوں بھولنے لگا؟ ایک دن کی بادشاہت جو مل گئی تمہیں۔ ‘‘
’’اب آپ جو بیھ کہیں ، دوپہر تک تو میں پچھتا رہا تھا … کسی بھی جگہ کو دیکھنے کے لئے اتنی مشقت مجھے حماقت لگ رہی تھی …آ پ کو تو پتہ ہے کہ پہلے دن ہی میری طبیعت خراب ہو گئی تھی۔۔ ۔ ۔ اس کے بعد دواؤں پر ہی گزارا ہے … لیکن اب میرا خیال ہے کہ میں فیری میڈوز نہ آتا تو یہ ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا۔ ‘‘
’’چلو شکر ہے تمہاری بے زاری تو ختم ہوئی۔ ‘‘
’’بے زاری تو خیر نہیں تھی، تھکاوٹ بہت زیادہ تھی جو اب نہیں رہی۔ ‘‘
’’کیا خیال ہے اگر اس وقت گرین ٹی مل جائے ؟‘‘
میں فی الحال سونا نہیں چاہتا تھا۔ صبح ہماری واپسی تھی اور فیری میڈوز کی یہ منفرد رات دوبارہ آنے والی نہیں تھی۔ میں چاند کی کرنوں میں نانگا پربت کے جوبن کا نظارہ کرنا چاہتا تھا، اس جادو نگری میں گزرے لمحات کا دورانیہ جتنا دراز ہو جاتا بہتر تھا۔
’’ خیال تو اچھا ہے گرما گرم چائے ماحول کا لطف بڑھا دے گی … لیکن دیر کافی ہو گیں ہے۔ ‘‘
’’یا ر ہم نے کونسا یہاں بار بار آنا ہے اور اب تو صرف واپسی ہی باقی ہے ناں ! صبح دیر تک بھی سوتے رہے تو کونسی قیامت آ جائے گی؟‘‘
’’ چلیں ٹھیک ہے۔ ‘‘
میں کچن کی طرف چلا گیا اور عزیز سے گرین ٹی کے بارے میں پوچھا۔ اُس نے بے وقت کی فرمائش پر کچھ حرھانی کا اظہار کیا اور جواب دینے میں تامل کیا۔
’’ چلیں کوئی بات نہیں ! … مشکل ہے تو رہنے دیں۔ ‘‘
’’ وہ۔۔ ۔ ۔ دراصل سب لوگ چلے گئے ہیں۔ کُک بھی چلا گیا ہے۔ لیکن آپ بیٹھیں۔ ۔ ۔ ۔ میں بنا کر لاتا ہوں۔ ‘‘
’’ارے نہیں … رہنے دو … ہم اپنے کیبن کا رخ کرتے ہیں۔ ‘‘
’’نہیں … نہیں سر! آپ کو ضرورت محسوس ہو رہی ہے تو گرین ٹی ضرور ملے گی۔۔ ۔ ۔ اور ابھی سے آپ کیبن میں کیوں جا رہے ہیں ؟ … ابھی تو پاکستانیوں کی محفل جمے گی۔ ‘‘
وہ ابھی یہ بات کہہ ہی رہا تھا کہ مقامی گروپ بنچوں کی طرف بڑھتا نظر آیا۔ میں نے عزیز کا شکریہ ادا کیا، زحمت کے لئے پیشگی معذرت کی اور واپس اپنی نشست پرا گیا۔
اب دیسی کیمپ فائر شروع ہوا، تفصیلی تعارف کے بعد معلوم ہوا کہ یہ لوگ پشاور یونیورسٹی کے اولڈ سٹوڈنٹس ہیں۔ اب مختلف جگہوں پر مختلف شعبوں میں سروس کر رہے ہیں ، لیکن ہر سال کہیں نہ کہیں آؤٹنگ کے لئے نکل کھڑے ہوتے ہیں۔ یہ لوگ باقاعدہ ٹریکرز تھے اور ان کے پاس ٹریکنگ کا مکمل سامان بمعہ خیمے، سلیپنگ بیگز، گیس سٹووز اور ہیڈ لیمپ موجود تھا۔
’’طالبعلمی کے دور میں ہمارا بھی گروپ تھا۔ ‘‘ میں نے انہیں اپنا تعارف کرانے کے بعد بتایا۔ ’’ اور ہم ہر سال گرمیوں میں کہیں نہ کہیں جاتے تھے۔ کوئٹہ، کاغان، سوات، اور چترال اسی دور میں دیکھا، افسوس کہ اُس وقت ان علاقوں کا موقع نہیں ملا … بعد میں گروپ تتر بتر ہو گیا، آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ آپ کا گروپ قائم ہے۔ ‘‘
’’آپ کا گروپ تو ڈاکٹرز پر مشتمل ہو گا اور ڈاکٹر ز کے پاس فضولیات کے لئے وقت نہیں ہوتا۔ ‘‘
’’ نہیں یہ فضولیات نہیں ہیں۔ ‘‘ اُن کے ایک باریش ساتھی نے بات کاٹی۔ ’’یہ ایک مذہبی فریضہ ہے۔ ‘‘
’’او مولوی !کچھ تو خدا کا خوف کر، تو یہاں حج کرنے آیا ہے؟‘‘ ان کے ایک ساتھی نے اسے ٹوکا۔
’’حج کے علاوہ بھی بہت سے مذہبی فرائض ہیں ، اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اپنے ماننے والوں کو باقاعدہ حکم دیا ہے کہ تم زمین کی سیر کرو تاکہ خدا پر تمہارا یقین پختہ ہو جائے، تو پھر زمین کی سیر کرنا اور خدا کی قدرت پر ایمان مزید پختہ کرنا مذہبی فریضہ ہوا کہ نہ ہوا؟‘‘
اُس کا نکتۂ نظر شاید دُرست ہی تھا، اُس نے بات جاری رکھی۔
’’ فطرت کے یہ شاہکار خود بخود تو نہیں بن گئے !اور اللہ تعالیٰ کے سوا کون اِن کا صانع ہونے کا دعویٰ کر سکتا ہے ؟ جیسے جیسے آپ ان مناظر کا مشاہدہ و مطالعہ کرتے جاتے ہیں ، اللہ تعالیٰ کی قدرت کاملہ پر یقین بڑھتا جاتا ہے۔ ذرا غور تو کریں … پورے ماحول پر چھایا ہوا یہ نانگا پربت، حد نظر تک پھیلا ہوا رائے کوٹ گلیشیئر، بیشمار پھولوں سے آراستہ یہ سبزہ زار اور اِن کے دامن میں موجود جھرنے، چشمے اور ندی نالے کیا خود بخود وجود میں آ گئے ہیں ؟۔۔ ۔ ۔ ہرگز نہیں ! اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔ ‘‘
’’ مولوی یار تیری مہربانی۔۔ ۔ تقریر کو کسی اور وقت کے لئے اُٹھا رکھ۔۔ ۔ ۔ ہم اس وقت تبلیغی سفر پر نہیں ہیں۔ ‘‘ اس کے ایک اور ساتھی نے کہا
’’تبلیغ ہر وقت اور ہر جگہ ہو سکتی ہے۔ ‘‘ اُس نے ہٹ دھرمی سے کہا۔
’’ہو سکتی ہے! … لیکن اس وقت تو ٹل جاؤ … بلکہ ایسا کرو کوئی گانا سناؤ … یہ وادیاں … یہ پربتوں کی شاہزادیاں۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ‘‘
’’پوچھتی ہیں کب بنے گی تو دلہن … تو بتا دو ناں بے چاریوں کو کہ تم دلہن کب بنو گی؟‘‘ مولوی صاحب نے مصرعہ پوراکرتے ہوا کہا۔
سب ہنسنے لگے۔ عزیز گرین ٹی لے آیا، میں نے عزیز کا شکر یہ ادا کیا۔
عمر نے اس نوجوان سے جس نے کینیڈین لڑکی کا انٹرویو لیا تھا، پوچھا۔
’’آپ کینیڈین لڑکی سے گفتگو ہی کرتے رہے یا اُس کا پتہ وتہ بھی لیا؟‘‘
’’پتے کا کیا کرنا تھا؟‘‘
’’ویسے ہی، کوئی ای۔ میل وغیرہ لے لینی تھی، بعد میں رابطے کے لئے۔ ‘‘
’’معلوم ہوتا ہے آپ پہلی مرتبہ اِن علاقوں میں آئے ہیں۔ یہاں کی شناسائیاں پائیدار نہیں ہوتیں اور یہاں کی گپ شپ یہیں تک محدود رہتی ہے۔ یہاں سے صرف یادیں ساتھ جاتی ہیں رابطے عموماً یہیں رہ جاتے ہیں۔ اور یہ گوریاں۔ ۔ ۔ ۔ ماحول کی وجہ سے دو چار باتیں کر لیتیں ہں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اپنے ملک جا کر بھی انہیں ہماری یاد ستائے گی۔۔ ۔ ۔ ۔ میں اس قسم کی خوش فہمی نہیں پالتا۔ ‘‘
ہلکی پھلکی گفتگو جاری رہی اور پھر اچانک سب کی نظریں ایک ہی جانب اٹھ گئیں۔ فیری میڈوز میں نانگا پربت کے علاوہ کون ہو سکتا تھا جو سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا سکتا؟
چاند بدلی کی اوٹ سے نکل آیا اور نانگا پربت نے جیسے اچانک ہی اپنی جون بدل لی۔۔ ۔ ۔ یہ اُس نانگا پربت سے بالکل مختلف تھا جسے ہم کئی روز سے دیکھ رہے تھے۔ دودھیا کرنوں میں لپٹا ہوا نانگا پربت چاندی کے ایسے مجسمے میں بدل گیا تھا جو صنم پرستوں کو بے ساختہ اپنے سامنے سر بسجود ہونے پر مجبور کر سکتا تھا اور جسے فرشِ زمین کی زیب و زینت میں اضافے کے لئے قدرت نے فیری میڈوز کے قرب میں نصب کر دیا تھا۔ زبانیں گنگ اور نگاہیں ساکت ہو گئی تھیں۔ ۔ ۔ ۔ نہ جانے کتنے لمحات گزر گئے۔۔ ۔ ۔ یہا یک انمول منظر تھا اور شاید سین آف دا ٹور کہلانے کا مستحق تھا۔۔ ۔ ۔ خدا کا شکر ہے کہ ہم کیبن میں سو نہیں رہے تھے۔
’’سبحان اللہ ! ‘‘ کئی زبانوں سے بے ساختہ نکلا۔
میں اپنی پوری کوشش کے باوجود اس منظر کو الفاظ کے سانچے میں ڈھالنے سے قاصر ہوں۔ میں نے اس منظر کی کئی تصاویر لیں تھیں ، لیکن کوئی تصویر اس منظر کو قید نہ کر سکی۔ تصویر اس منظر کا جسم تھا جو ہمارے ساتھ آنے پر مجبور تھا، روح کو کسی بھی تصویر میں مقیّد نہیں کیا جا سکتا سو وہ وہیں رہ گئی تھی، فیری میڈوز میں !
میں پھر یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ اگر ہم نے صرف یہی ایک منظر دیکھنے کے لئے فیری میڈوز کا سفر کیا تھا تو پیسے بمعہ سود پورے ہو گئے تھے، جبکہ ہم نے تو ایسے کئی مناظر دیکھے تھے۔
تھینک یو اللہ میاں۔
ہم اس وقت تک وہاں بیٹھے رہے جب تک نیند ہم پر غالب نہیں آ گئی، بالآخر سب لوگ ایک ایک کر کے اپنے اپنے خیمے یا کیبن کی جانب چلے گئے لیکن ہر کسی نے اندر داخل ہونے سے پہلے ایک مرتبہ پیچھے مُڑ کر ضرور دیکھا تھا۔
نیند نہ جانے کیوں پرسکون نہیں تھی … با ر بار آنکھ کھلتی رہی … ایک دو مرتبہ میں نے کیبن سے باہر بھی جھانکا … لیکن چاند اب دوبارہ بادلوں کی اوٹ میں تھا۔
میں طاہر اور عمر سے پہلے بیدار ہو گیا۔ رائے کوٹ سرائے کا سبزہ زار اس وقت بذات خود ایک ویو پوائنٹ بنا ہوا تھا، خیموں میں ٹھہرے ہوئے سب لوگ اپنے اپنے سلیپنگ بیگز سمیت خیموں سے باہر تھے اور سلیپنگ بیگز سے سر باہر نکالے، اوندھے لیٹے ہوئے طلوع آفتاب کے منتظر تھے۔ مجھے ایسا لگا جیسے کئی کچھوے اپنے اپنے خول سے گردن باہر نکالے جھانک رہے ہیں۔ آہستہ آہستہ سورج کی کرنیں برف پوش چوٹیوں پر پڑنے لگیں اور پھر رنگ و نور کی برسات ہونے لگی۔۔ ۔ ۔ یہ چند لمحات کا کھیل تھا، سورج پوری طرح اُفق سے نمودار ہوا تو کھیل ختم، پیسہ ہضم۔۔ ۔ ۔ ۔ جو لوگ اِن لمحوں میں سوتے ہیں وہ یقیناً کھوتے ہیں۔
سبزہ زار میں اب حرکت کے آثار نظر آنے لگے تھے۔ لوگ اکلوتے باتھ روم کی طرف جا رہے تھے جہاں گرم پانی موجود تھا، وہ اٹالین جوڑا جو کل سر عام بوس و کنار سے فحاشی پھیلا رہا تھا اپنے کیبن سے برآمد ہوا اور باتھ روم کی طرف جانے لگا۔ وہ ہر دو چار قدم کے بعد ایک دوسرے سے لپٹ جاتے اور چونچیں لڑانے میں مصروف ہو جاتے، مجھ سے نہ رہا گیا تو میں ان کی طرف بڑھ گیا۔
’’ایکسکیوز می سر! اگر آپ مائنڈ نہ کریں تو میں ایک بات پوچھ لوں ؟‘‘
’’اوہ شیور … ‘‘ دونوں نے بیک وقت کہا۔
’’ بوس و کنار تو آپ لان میں کرتے ہیں ، اپنے کمرے میں کیا کرتے ہیں ؟‘‘
وہ اِس غیر متوقّع سوال کے لئے تیّار نہیں تھے۔ چند لمحوں کے لئے تو ہکّا بکّا رہ گئے۔ پھر دونوں نے ایک زور دار قہقہہ لگایا۔
’’ کیبن میں توہم اپنے اپنے سلیپنگ بیگ میں ہوتے ہیں اور سلیپنگ بیگ کا سب سے بڑا ڈِس ایڈوانٹیج یہ ہے کہ وہ دو افراد کے لئے نہیں ہوتا۔ ‘‘ مرد نے جواب دیا۔
’’سلیپنگ بیگ کے علاوہ بھی کیبن میں بہت جگہ ہوتی ہے۔ ‘‘
’’لیکن سردی بھی تو بہت ہوتی ہے۔ ‘‘ وہ جھرجھری لیتے ہوئے بولا۔ ’’اور سلیپنگ بیگ سے باہر ہوں تو کیبن میں ٹکنے کو دل ہی نہیں چاہتا، بے اختیار باہر آ جاتے ہیں۔ ‘‘
پتا نہیں وہ درست کہہ رہا تھا یا میرے سوال کا مضحکہ اُڑا رہا تھا، وہ دونوں اسی طرح ہلّا گلّا کرتے ہوئے باتھ میں گھس گئے۔ اِسی اثنا میں طاہر اور عمر بھی آ گئے، ہم نے اندازہ لگایا کہ نہانے کا انتظار کیا تو کافی دیر ہو جائے گی۔ عزیز لان کی حالت درست کر رہا تھا۔ ہم نے اسے ناشتے کا آرڈر دیا اور بِل لانے کے لئے کہا۔
ہم پر باقاعدہ اداسی طاری ہو رہی تھی، ان حسین مناظر سے الوداع ہو کر ہمیں اسی گردشِ لیل و نہار میں داخل ہونا تھا جہاں ہماری حیثیت مشین کے ایک معمولی پرزے کے سوا کچھ بھی تو نہیں تھی۔
ناشتہ چائے اور ابلے ہوئے انڈوں پر مشتمل تھا اور بل حیران کن حد تک کم تھا۔ ڈنر کی مد میں صرف دو افراد کے کھانے کا بل شامل تھا، غالباً اِس لئے کہ میں نے عزیز سے شکوہ کیا تھا کہ آلو مٹر نہ ملنے کے غم میں طاہر نے رات کا کھانا ٹھیک طرح سے نہیں کھایا تھا۔ بِل صرف تیرہ سو روپے بنا تھا جس میں آٹھ سو روپے کیبن کا کرایہ بھی شامل تھا۔
ساڑھے چھ بجے ہم اپنے اپنے رک سیک اٹھائے، بوجھل دل کے ساتھ روانگی کے لئے تیار تھے۔ رحمت نبی، عزیز، پشاوری گروپ کے ارکان اور ایک دو غیرملکی جوڑوں نے باقاعدہ ہاتھ ہلا کر ہمیں الوداع کہا۔
٭٭٭
{آ اب لوٹ چلیں }
ہم نے نانگا پربت اور رائے کوٹ گلیشیئر پر آخری نظر ڈالی اور واپسی کا سفر شروع کر دیا۔ میرے پاؤں کے انگوٹھے کے ناخن تلے ریشہ پڑ گیا تھا جو اب چلنے میں تکلیف دیتا تھا، اس کے باوجود جو سفر ہم نے پانچ گھنٹے میں طے کیا تھا واپسی میں صرف ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل کر لیا اور تقریباً آٹھ بجے ہم پونی پوائنٹ پر پہنچ چکے تھے۔ طاہر اور عمر مجھے سے کافی آگے تھے کیونکہ اب میں باقاعدہ لنگڑا کر چل رہا تھا۔ جیل گاؤں کے پاس لینڈ سلائیڈنگ والے علاقے میں پہنچا تو پتھروں پر باقاعدہ راستہ نہ ہونے کی وجہ سے بھٹک گیا اور چند خیموں پر مشتمل ایک بستی میں عین اُس جگہ نمودار ہُوا جہاں چند ننگ دھڑنگ بچّے اُودھم مچا رہے تھے اور ایک خاتون آٹا گوندھ رہی تھی۔ اُس نے چادر اور چاردیواری کا تحفّظ مجروح ہوتے دیکھا تو خیمے کی طرف رُخ کر کے کسی کو آواز دی۔ فوراً ہی دو حضرات اپنی اپنی دھوتیوں کے پلّو سنبھالتے ایک خیمے سے برآمد ہوئے اور خشمگیں انداز میں گھورتے ہوئے میری طرف بڑھے۔
’’اوئے تم اِدر کِدر گھُستا چلا آتا اے۔ ‘‘ ایک نے کڑک کر کہا۔
جب انہیں علم ہوا کہ میں راستہ بھول کر اِدھر آ نکلا ہوں اور جیپ سٹاپ تک جانا چاہتا ہوں ، تو انہیں اطمینان ہُوا اور اُن میں سے ایک راہنمائی کے لئے میرے ساتھ ہو لیا۔ جیپ سٹاپ سے کچھ پہلے عمر اور طاہر سے ملاقات ہوئی جنہوں نے میری باقاعدہ تلاش شروع کر دی تھی۔ میں نے اپنے راہنُما کا شکریہ ادا کیا اور وہ مجھے میرے ساتھیوں کی تحویل میں دے کر واپس چلا گیا۔
جیپ کی فرنٹ سیٹ پر آٹھ دس سال کی ایک بچی اور ایک بزرگ بیٹھے ہوئے تھے۔ میں نے ناگواری سے ڈرائیور کی طرف دیکھا کیونکہ فرنٹ سیٹ پر میں خود بیٹھنا چاہ رہا تھا۔
’’یہ بچی بیمار ہے، رائے کوٹ پل تک ہمارے ساتھ جائے گی۔ ‘‘ ڈرائیور نے کہا۔
’’تو یہ پچھلی سیٹ پر کیوں نہیں بیٹھ جاتے۔ ‘‘ میں نے تلخی سے کہا۔
’’جانے دیں ڈاکٹر صاحب۔ ‘‘ طاہر نے دخل اندازی کی۔ ’’ میں نے ہی انہیں آگے بیٹھنے کے لئے کہا ہے، بچّی سخت اذیت میں ہے اور اِسکا جلد از جلد ہسپتال پہنچنا بہت ضروری ہے۔ ‘‘
’’نئی صاب آپ کا ساتھی اتراض کرتا اے تو ام اُٹھ جاتا اے۔ ‘‘ بزرگ نے عاجزی سے کہا۔
مجھے اپنے رویے پر خاصی ندامت ہوئی اور میں خاموشی سے پچھلی سیٹ پر بیٹھ گیا۔ بچی کی تکلیف کی نوعیت کے بارے میں علم ہوا تو یہاں کی کٹھن زندگی کا ایک اور پہلو سامنے آیا۔ تین دن سے بچی کا پیشاب بند تھا۔ مقامی طبیب مختلف جڑی بوٹیوں کا عرق پلا تا رہا تھا، لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا تھا۔ اب اذیت ناقابل برداشت ہو چکی تھی اور بچی بری طرح تڑپ رہی تھی۔ مجھے انداز تھا کہ کوئی چھوٹی موٹی پتھری مثانے کے منہ پر پھنس گئی ہے۔ پیشاب خارج کرنے والی نالی، یا ایک معمولی سی سرنج جو مثانے کو عارضی طور پر خالی کر دیتی بچی کو اذیت سے نجات دلا سکتی تھیں ، پتھری کا آپریشن بعد میں ہو جاتا۔ لیکن ؟ … مجھے افسوس ہو رہا تھا … کاش ہم ایک سرنج ساتھ لائے ہوتے۔
ہم کچھ ہی دور گئے تھے کہ ہم نے ایک پاکستانی گروپ دیکھا جو جیپ پر سوار نہیں تھا اورگرتا پڑتا پیدل ہی جیل گاؤں کی طرفا رہا تھا۔ ہمیں ان لوگوں کی ایڈونچر پسندی پر خوشگوار حیرانی ہوئی۔ جیپ کی سہولت کو نظر انداز کر کے رائے کوٹ پل سے جیل تک ٹریکنگ کوئی معمولی بات نہیں تھی، جبکہ بلحاظِ وزن اس گروپ کے ارکان ہمارے گروپ (بشمول چوہدری رشید احمد، سابق گروپ ممبر)کی رنگین فوٹو کاپی معلوم ہوتے تھے کیونکہ یہ شوخ رنگوں کے ٹریکنگ سوٹ پہنے ہوئے تھے۔ حال تو ان کا بھی خستہ ہی لگتا تھا کیونکہ وہ قدم اُٹھانے کے بجائے قدم گھسیٹ رہے تھے۔
ہم نے انہیں سلام کیا اور ان کی جانب ہاتھ ہلایا تو ان میں سے ایک نے ہاتھ لہرا کر جواب دیا جبکہ بقیہ تصویرِ حیرت و مظلومیت بنے ہمیں تکتے رہے۔ ہم ان کے ہمت اور حوصلے پر رشک آمیز تبصرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔
چند منٹ بعد ایک رکاوٹ سامنے آ گئی۔ یہ ایک لینڈ سلائیڈ تھی جس نے راستہ مسددد کر دیا تھا، ہم سے پہلے روانہ ہونے والی جیپ بھی یہاں رکی ہوئی تھی۔ چند لوگ کُدال لے کر سڑک پر آئے ہوئے ریت اور پتھروں کے ملغوبے کو سڑک سے ہٹا رہے تھے۔ ہماری جیپ کا ڈرائیور بھی لنگوٹ کس کر میدان میں کود پڑا، بیلچہ جیپ میں ہی موجود تھا۔ اب ہمیں احسا س ہوا کہ جیپ ٹریک کو کھلا رکھنا کتنا مشکل کام تھا اور مقامی لوگوں کا اس میں کتنا حصہ تھا۔ اگر ہم حکومت کی جانب سے سڑک کھولے جانے کا انتظار کرتے تو شاید ہفتوں یہاں رکے رہتے۔ یہ امدادِ باہمی کا اعلیٰ مظاہرہ تھا۔ دوسری جانب سے آنے والی ایک جیپ بھی رُکی ہوئی تھی اور اُس کا ڈرائیور سڑک کھولنے کی جدّوجہد میں شامل تھا۔
ڈرائیوروں کی آپس کی گفتگو سے علم ہوا کہ ہمیں راستے میں ملنے والا گروپ شوقیہ نہیں بلکہ مجبوراً ٹریکنگ کر رہا تھا۔ رائے کوٹ پل سے تو وہ لوگ جیپ پر ہی آئے تھے، لینڈ سلائیڈ کے پاس آ کر ڈرائیور نے انہیں کہا کہ راستہ صاف ہونے میں کافی دیر لگ جائے گی اس لئے بہتر ہو گا کہ وہ لوگ پیدل آگے چلیں جائیں کیونکہ جیپ کا آخری سٹاپ بالکل نزدیک ہے اور سامنے نظر آ رہا ہے۔ اس نزدیکی مقام تک پہنچنے سے پہلے ہی ان کے چہروں پر جو حیرانی، بیچارگی اور مظلومیت نقش ہو گئی تھی اس نے ہمارے رشک آمیز جذبات کو ’’ترس آمیز جذبات‘‘ میں بدل دیا۔
تقریباً دو گھنٹے بعد ڈرائیورز نے سڑک کو ’’جیپ گزار‘‘ قرار دے دیا جب کہ ہمارا خیال تھا کہ جیپ اگر مائل بہ پرواز ہو گئی تو ٹھیک، ورنہ بزورِ ٹائرز تو یہ حرکت ایک احمقانہ مہم جوئی کے مترادف ہو گی۔ ہم نے جیپ میں بیٹھے رہنے کا خطرہ مول نہ لیا اور لینڈ سلائڈنگ کا حصہ پیدل عبور کیا۔ ڈرائیور نے جس مہارت سے جیپ وہاں سے گزاری اسے دیکھ کر ہم عش عش کر اٹھے۔ جب جیپ اس جگہ سے گزر رہی تھی تو میں نے دیکھا کہ ایک سائڈ کے وہیلز کا آدھے سے زیادہ حصّہ ہوا میں معلّق تھا، جیپ نے غراتے ہوئے جست لگائی اور محفوظ راستے پر آ گئی۔ ہم نے خدا کا شکر ادا کیا اور اپنے راستے پر رواں دواں ہو گئے۔ واپسی میں بھی راکا پوشی، دیراں اور ہاراموش نظروں کے سامنے رہیں۔
’’ہو سکتا ہے کسی دن ہم راکا پوشی بیس کیمپ بھی جائیں۔ ‘‘ میں نے طاہر کو مخاطب کیا۔
’’آپ اکیلے ہی جائیں گے … میں کسی بھی بیس کیمپ تک جانے کے لئے اتنی خواری اور مشقت برداشت کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔ ‘‘
’’چھوڑو یار یہ بعد کی باتیں ہیں۔ ۔ ۔ ۔ تم یہ بتاؤ اب کیا پروگرام ہے ؟ابھی ہمارے پاس تین دن باقی ہیں ، کہاں چلنا ہے؟ گلگت یا سکردو؟ ‘‘
’’کہیں بھی نہیں اب ہم واپس وہاڑی جائیں گے۔ ‘‘
’’کیا مطلب؟ہمارا واپسی کا پروگرام تو اتوار کا ہے اور آج جمعرات ہے، ہم سکرود کا مِنی ٹور لگا سکتے ہیں … کم از کم زیارت تو ہو جائے گی سکردو کی۔ ‘‘
’’نہیں سر جی سکردو پھر کبھی سہی !اب صرف اور صرف واپسی۔ ‘‘
’’یار دوبارہ یہاں تک آنے کے لئے ہمیں تیس گھنٹے کا سفر کرنا پڑے گا۔ اِس وقت ہم بالکل مناسب وقت پر رائے کوٹ پہنچ جائیں گے۔ اگر وہاں سے ہمیں سکردو جانے والی ویگن مل گئی، جو امید ہے مل جائے گی کیونکہ راولپنڈی سے سکردو جانے والی کوچ رائے کوٹ پل سے اِسی وقت گزرتی ہے، تو ہم شام تک سکردو پہنچ جائیں گے۔ جمعہ اور ہفتہ وہاں گزار کر اتوار کو ہم واپسی کا سفر شروع کر دیں گے۔ ‘‘
لیکن طاہر نے سختی سے انکار کر دیا۔ رہا عمر، تو وہ پہلے ہی طاہر کا پکا ووٹ تھا۔
بیال کیمپ پہنچنے تک تو طاہر بھی اس بات کا شدّت سے حامی تھا کہ فیری میڈوز کے بعد ہم گلگت یا سکردو ضرور جائیں گے۔۔ ۔ ۔ وہ ٹور پروگرام میں ایک دو دن کا اضافہ کرنے پر بھی رضامند تھا۔ بیال کیمپ تا بیس کیمپ کے سفر میں دو قابلِ ذکر وجوہات ہمارے بقیہ پروگرام کے لئے ’’ختم شُد‘‘ کا عنوان بن گئیں۔ ایک تو یہ کہ طاہر کو بیس کیمپ بالکل بھی پسند نہ آیا اور اُس کا موڈ سخت آف ہو گیا۔ بیس کیمپ پہنچنے کے بعد وہ شدید غصے میں تھا اور اِس غصّہ کا نشانہ مقامی لوگ تھے۔ اُس کا کہنا تھاکہ آخر یہ لوگ بیال کیمپ پر ہی ٹریکرز کو کیوں نہیں بتا دیتے کہ بیس کیمپ پر کچھ نہیں رکھا ؟ اُس کے خیال میں فیری میڈوز اور بیال کیمپ کے مناظر کے بعد نانگا پربت بیس کیمپ تک جانا سراسر حماقت اور وقت کا ضیاع تھا۔
دوسری وجہ میری دانستہ یا نادانستہ حماقت آمیز غلطی تھی کہ میں نے طاہر اور عمر کا ساتھ چھوڑ دیا اور ریاض کی گائیڈنس میں اُن سے پہلے بیس کیمپ پہنچ گیا۔ طاہر نے اِس بات کو سخت مائنڈ کیا تھا، اس لئے وہ مزید کسی ٹریکنگ کے حق میں نہیں تھا۔ بظاہر اُس کا موقف یہ تھا کہ وہ بیس کیمپ تک پہنچنے میں اپنی تمام تر توانائی ضائع کر چکا ہے اوراب کہیں بھی آنے جانے کے قابل نہیں ہے۔ میں نے اسے قائل کرنے کی کوشش کی کہ سکردو میں ہمیں فیری میڈوز جیسی کسی چڑھائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ بیس کیمپ کے سفر کے بارے میں بھی میں نے وضاحت کی کہ اگر میں طاہر کے انداز میں چلنے کی کوشش کرتا یا طاہر میرا انداز اپناتا تو ہم میں سے کوئی بھی وہاں تک نہ پہنچتا۔ دیر سویر کی کوئی اہمیت نہیں ، یہ کیا کم ہے کہ ہم وہاں تک ہو آئے جہاں پہنچنے میں ہم سے کہیں زیادہ فِٹ لاہوری گروپ نا کام رہا تھا؟میں نے اُنکا ساتھ چھوڑنے پر معذرت کی اور اپنے دوست تنویر سیٹھی کا یہ شعر اُسے سنایا۔
درگزر کرنا ہی یارو سب سے ہے بہتر عمل
ہم سفر کوئی اگر کیسی بھی نادانی کرے
لیکن طاہر کا انکار، اقرار میں نہ بدلا جا سکا۔
لہٰذا اب واپسی تھی اور یہ پہلا موقع تھا کہ میں ٹور کے مجوّزہ شیڈول سے پہلے واپس جا رہا تھا۔ ایک دو دن زائد تو لگ جاتے تھے، لیکن پہلے؟اور وہ بھی تین دن پہلے! ان تین دنوں میں تو … آخر فیری میڈوز، بیال کیمپ اور نانگا پربت بیس کیمپ بھی تو ہم نے تین دن میں کور کئے تھے مزید تین دن میں … لیکن … لیکن … اب دل جلانے سے فائدہ ؟
اگر آپ کو رائن ہولڈ میسنر کی ماؤنٹین مسٹری سے کوئی دلچسپی نہیں ہے تو یہ اس سفر نامے کا اختتام ہے کیونکہ اگلے چند صفحات میسنر کے نام …
٭٭٭
{میسنر نامہ}
کہا، ہم اونچی اونچی چوٹیوں کو سر کریں گے
کہا، سب اونچی اونچی چوٹیوں کو سر کرو تم
کہا، نانگا پربت کا ڈر ہے
کہا، نانگا پربت تو ہو گا۔
کہا، ہم کوہ پیمائی کے سب ریکارڈ توڑیں گے
کہا، کوہ پیمائی کے سب ریکارڈ توڑو تم
کہا، میسنرکا ڈر ہے
کہا میسنر تو ہو گا۔
جب میں واپس وہاڑی پہنا اور انٹر نیٹ سے دوبارہ رابطہ ہوا تو مجھے علم ہوا کہ آجکل تو نانگا پربت کے موضوعات بریکنگ نیوز کے طور پر عالمی میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔ ٹو ماز ہیو مار کے لئے کئے جانے والے پاک آرمی کے ریسکیو آپریشن کا چرچا تھا، ایڈویسچر(Ed Vesture) نے اس سال اناپورنا سر کر کے پہلا امریکی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا جس نے چودہ کی چودہ آٹھ ہزار ی چوٹیاں سر کر لی تھیں۔ لیکن ایڈونچر کی دُنیا میں جس شخصیت نے اِن اہم واقعات کی شہرت کو ماند کر دیا تھا وہ تھی ریٹائرڈ کوہ پیما رائن ہولڈ میسنر کی شخصیت، جسے ’’ زندہ کوہ پیماؤں میں عظیم ترین‘‘ کے لقب سے یاد کیا جا رہا تھا۔ اُس کی بائیو گرافی نظر سے گزری تو علم ہوا کہ مافوق الفطرت کارنامے سر انجام دینے والے اِس ’’عظیم ترین‘‘ کوہ پیما نے اپنی تیس سالہ پیشہ ورانہ زندگی کا بیشتر حصہ ۱۹۷۰ ء میں نانگا پربت پر جنم لےنس والی ماؤنٹین مسٹری کے طلسم میں گرفتار ہو کر نانگا پربت کا طواف کرتے گزارا، اور نانگا پربت میسنر کا پہاڑ کہلایا۔
نانگا پربت اور رائن ہولڈ میسنر ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہو چکے ہیں۔ نانگا پربت کی تاریخ سے میسنر کا ذکر حذف کر دیا جائے تو اس کی افسانوی حیثیت ختم ہو جاتی ہے اور اگر میسنر کی بائیو گرافی میں نانگا پربت کا باب شامل نہ کیا جائے تو اس کی ضخامت آدھی بھی نہیں رہ جاتی۔
رائن ہولڈ میسنر ۱۷ستمبر ۱۹۴۴ء کو اٹلی کے خود مختار صوبے ساؤتھ ٹائرول کے قصبے ولناس فیون میں پیدا ہوا۔ اس کا باپ ایک سکو ل میں ہیڈ ماسٹر اور کٹر نازی تھا۔ وہ ایک ظالم باپ تھا۔ تیرہ سال کی عمر میں رائن ہولڈ ایک دن گھر آیا تو اس نے دیکھا کہ باپ نے اس کے چھوٹے بھائی گونتھرکو کتے سدھانے والے چابک سے بیدردی سے مارا ہے اور وہ کتو ں کے دڑبے میں چھپا بیٹھا ہے۔ رات کو دونوں بھائی گھر سے فرار ہو گئے اور کوہِ ایلپس پر کوہ پیما ٹیموں کے چھوٹے موٹے کام کر کے روزی کمانے لگے۔ یہیں سے انہیں کوہ پیمائی سے دلچسپی پیدا ہوئی اور انہوں نے مختلف ٹیموں کے ساتھ کلائمبنگ بھی شروع کر دی۔ جلد ہی رائن ہولڈ اور گونتھر کی صلاحیتیں نکھر گئیں اور وہ کوہ پیما ٹیموں کے اہم ارکان میں شمار ہونے لگے۔
رائن ہولڈ خاص طور پر ایک دلیر، بے خوف اور سخت جان کلائمبر کے طور پر ابھرا۔ کوہ ایلپس سے ہی انہوں نے اپنی مہمات کا باقاعدہ آغاز کیا اور حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کیں۔ رائن ہولڈ بیس سال کا ہوا تو اس نے ایک موقع پر کہا کہ کوہ ایلپس اس کے لئے بہت چھوٹا ہو گیا ہے۔
رائن ہولڈ میسنر کی ابھرتی ہوئی شہرت کی بنیاد پر۱۹۷۰میں ڈاکٹر کال ماریا ہرلگ کوفر نے اسے نانگا پربت پر جانے والی مہم میں شمولیت کی دعوت دی۔ رائن ہولڈ خود بھی اب ہمالیائی سلسلہ میں قسمت آزما نا چاہتا تھا، اُس نے بخوشی یہ دعوت قبول کر لی۔ منتخب ٹیم کا ایک کوہ پیما کسی وجہ سے آخری لمحات میں شامل نہ ہو سکا تو گونتھر کو بھی موقع مل گیا اور دونوں بھائیوں نے معجزانہ انداز میں نانگا پربت سر کر لیا۔ یہ عظیم کامیابی اس وقت ٹریجڈی میں بدل گئی جب واپسی کے سفر میں گونتھر ایک برفانی تودے کا شکار ہو گیا۔ یہ مہم عدالتی کاروائی پر منتج ہوئی اور اس پر یہ الزام لگایا گیا کہ اُس نے اپنی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے بھائی کو قربان کر دیا۔ یہ بات ایک سر بستہ راز بن گئی کہ گونتھر چوٹی پر پہنچا بھی یا نہیں اور پہنچا تو نیچے آنے کے لئے کونسا فیس منتخب کیا؟ روپل فیس یا دیا میر فیس!
بد قسمتی سے ہمالیائی سلسلے میں میسنر کی دوسری مہم (۱۹۷۲) بھی ایک حادثے کا شکار ہوئی اور افسانوی حیثیت اختیار کر گئی۔
میسنر اپنے ساتھی کوہ پیما فرانز جیگر (Franz Jäger )کے ساتھ ۸۱۵۶میٹر بلند ماؤنٹ مناسلو کی چوٹی سے کچھ ہی دور تھا کہ فرانز ایک دراڑ میں گر کر زخمی ہو گیا اور واپس کیمپ فائیو میں آ گیا۔ میسنر نے الپائن انداز میں تنہا اپنا سفر جاری رکھا اور نانگا پربت کی تاریخ دوہراتے ہوئے چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ واپسی شروع کی ہی تھی کہ برف کا طوفان شروع ہو گیا، شدید برف باری اور طوفانی ہوا کے بگولوں میں راستہ نظر آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا اس لئے وہ آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر راستہ سے بھٹک گیا۔ کئی گھنٹے گزر گئے لیکن طوفان کی شدت قائم رہی اور وہ فیصلہ نہ کر سکا کہ کدھر جائے۔ اچانک اس نے فرانز کی آواز سنی اور سمجھ گیا کہ اس کا ساتھی اس کی تلاش شروع کر چکا ہے اور اس کی راہنمائی کے لئے آوازیں دے رہا ہے لیکن طوفان کی شدت کی وجہ سے وہ یہ فیصلہ نہ کر سکا کہ آواز کس سمت سے آ رہی ہے۔ اس نے طوفان شروع ہونے سے پہلے کے منظر کا تصور کیا اور جس سمت سے طوفان کی آمد کے آثار تھے اسے مدّ نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اسے اسی سمت جانا چاہئے جدھر سے طوفان آ رہا تھا، اور یہ فیصلہ صرف رائن ہولڈ میسنر ہی کر سکتا تھا۔ وہ طوفان سے نبرد آزما ہوتے ہوئے کیمپ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ اسے حیرانی ہوئی کہ فرانز کیمپ میں موجود نہیں تھا اور اس کے دوسرے ساتھیوں فرانک ہاسر(Horst Frankhauser)اور اینڈی شلک (Andi Schlick) نے اس کا استقبال کیا اور مبارکباد دی، یہ دونوں کیمپ فور سے میسنر اور فرانز کی تلاش میں کمپ فائیو آئے تھے۔
فرانز کہاں تھا؟
میسنر کو سو فیصد یقین تھا کہ جب وہ طوفان میں گھرا ہوا تھا تو اس نے فرانز کی آواز سنی تھی جو اس کی راہنمائی کرنا چاہتا تھا۔ اس کا مطلب تھا کہ وہ طوفان میں گھر چکا تھا۔ میسنر کی تو اپنی حالات ٹھیک نہیں تھی، اینڈی اور فرانک نے فرانز کی تلاش کا فیصلہ کیا اور کمپب چھوڑ دیا۔
کیمپ سے باہر شدید طوفان تھا اور کچھ نظر نہیں آ رہا تھا، کئی گھنٹوں بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ خود راستہ بھول چکے ہیں۔ طوفان شدید ہو گیا تو انہیں خود ساختہ برفانی غار میں پناہ لینی پڑی۔ یہاں انہوں نے فرانز کی آواز سنی جو مدد کے لئے پکار رہا تھا۔ ان دونوں نے اپنی پناہ گاہ چھوڑی اور فرانز کی تلاش زیادہ شد و مد سے شروع کر دی، لیکن طوفان مزید شدید ہو گیا اور انہیں ایک مرتبہ پھر برف کی عارضی پناہ گاہ بنانی پڑی۔ اینڈی زیادہ مضطرب تھا کیونکہ فرانز ساتھی کوہ پیما ہونے کے علاوہ اس کا قریبی دوست بھی تھا۔ وہ خود پر قابو نہ رکھ سکا اور اکیلا ہی فرانز کی تلاش میں نکل کھڑا ہوا۔ فرانک نے کافی دیر اس کا انتظار کیا اور طوفان کی شدت کم ہوئی تو کیمپ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ فرانز اور اینڈی کا انتظار طویل ہوتا گیا، وہ کبھی واپس نہا سکے اور سمجھ لیا گیا کہ وہ موت کی وادی میں گم ہو چکے ہیں۔
اِس حادثے کا الزام بی میسنرکی غلط پلاننگ اور خود غرضی کو دیا جانے لگا۔ تو اس نے فیصلہ کیا کہ اب وہ کبھی بھی کسی بڑی ٹیم کے ساتھ کوہ پیمائی نہیں کرے گا اور اس کے بعد وہ تنہا یا پھر ایک ساتھی کے ساتھ کوہ پیمائی کرتا رہا۔
پیٹرہیبلر(Peter Habeler) کے ساتھ۱۹۷۵ء میں اس نے کوہ پامائی اور میڈیسن کی دنیا میں حقیقی طور پر تہلکہ ڈال دیا۔ اس نے گیشر برم اول(دنیا کی گیارہویں اور پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی جسے ہڈن پیک بھی کہا جاتا ہے) کو جس کی بلندی آٹھ ہزار پینتیس میٹر ہے، بغیر آکسیجن سلنڈر کے الپائن سٹائل میں سر کرنے کا اعلان کیا۔ اس کوشش کو پاگل پن اور صریح خودکشی کا نام دیا گیا۔ کچھ کوہ پیماؤں نے اسے میسنر کی خود نمائی اور پبلسٹی سٹنٹ کا نام بھی دیا۔ آٹھ اگست کو انہوں نے امدادی آکسیجن اور رسیوں کے بغیر خالص الپائن سٹائل میں مہم کا آغاز کیا اور اگلے دن چوٹی سے نو سو میٹر نیچے پہنچ کر برف کھود کر عارضی پناہگاہ بنائی۔ اگلے دن انہوں نے آئس ایکس، کریمپونز، کیمرے اور دوائیاں ساتھ لیں ، بقیہ سامان وہیں پر چھوڑا اور چوٹی کی جانب سفر شروع کر دیا۔ اگلے بارہ گھنٹے وہ حقیقی معنوں میں موت کے پنجوں سے نبرد آزما رہے اور با لآخر چوٹی پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
میسنراور ہیبلر کی اس کامیابی نے مستند سمجھے جانے والے کئی نظریات کو باطل ثابت کر دیا۔ اس وقت تک یہی پڑھایا جاتا تھا کہ آٹھ ہزار میٹر سے زائد بلندی پر امدادی آکسیجن کے بغیر زندگی ممکن نہیں۔ میسنر کی کامیابی نے سائنسدانوں کی مقررہ کردہ حدود کو عبور کیا اور انسانی جسم کے لئے نئی حدود کا تعین کیا۔ سائنسدانوں نے دوبارہ تحقیق کی اور اعلان کیا کہ اس بلندی پر صرف اتنی آکسیجن ہوتی ہے کہ انسان بمشکل زندہ رہ سکتا ہے، کوہ پیمائی کے لئے جس نقل و حرکت کی ضرورت ہے وہ ممکن نہیں۔ میسنر اور پیٹرہیبلر کو باقاعدہ انتباہ کیا گاس کہ دوبارہ ایسی کوئی حرکت خود کشی کے مترادف ہو گی۔ میسنر نے اِسکا منہ توڑ جواب ۱۹۷۸ء میں دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کو بغیر آکسیجن سر کر کے دیا، اس مرتبہ بھی اس کا ساتھی کوہ پیما پیٹر ہیبلر ہی تھا۔
اکّیس اپریل کو انہوں نے مہم کا آغاز کیا، لیکن ساڑھے سات ہزار میٹر سے اوپر نہ جا سکے اور واپس آ گئے۔ انہوں نے ہمت نہ ہاری اور چند دن بعد ہی دوبارہ کوشش کی۔ میسنر اپنی کتاب کرسٹل ہاریزن میں لکھتا ہے :
’’پہلی ناکامی کے بعد ہیبلر نے حوصلہ ہار دیا تھا اور وہ آکسیجن کی مدد لینے پر مصر تھا لیکن میں نے سختی سے منع کر دیا۔ ہیبلر اس شرط پر دوبارہ کوشش کے لئے آمادہ ہوا کہ اگر کسی ایک کے ہوش و حواس قائم نہ رہے تو دونوں واپس آ جائیں گے۔ چوٹی کے پاس برف اتنی نرم تھی کہ ہمارے لئے برف میں د ھنسی اپنی ٹانگوں کو باہر نکالنا ممکن نہ رہا۔ ہم نے برف سے ہٹ کر انتہائی دشوار گزار چٹانی راستہ اختیار کیا اور چٹانوں سے چمٹے ہوئے آہستہ آہستہ آگے بڑھتے رہے۔ لیکن چوٹی سے اٹھاسی میٹر کے فاصلے پر ہمارے جسم نے ساتھ دینے سے انکار کر دیا اور ہم بے دم ہو کر گر گئے۔ مجھے لگ رہا تھا کہ میرا پورا جسم ایک سانس لیتا ہوا پھیپھڑا ہے جو پھٹنے ہی والا ہے۔ کئی گھنٹے کی جان لیوا جد و جہد کے بعد آہستہ آہستہ رینگتے ہوئے ہم چوٹی پر پہنچے۔ ‘‘
اس طرح آٹھ مئی کو کوہ پیمائی کی نئی تاریخ رقم کی گئی۔ اس ناقابلِ یقین کامیابی کو مافوق الفطرت کارنامے کے طور پر شہرت ملی۔ کچھ ماہرین کا موقف ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ پہلی بار ۸ مئی ۱۹۷۸ء کو رائن ہولڈ میسنر نے سر کیا۔ا انصاف کا تقاضا یہی تھا کہ دونوں مدّ مقابل نہتّے ہوں ، سر ایڈمنڈ ہلیری نے ۱۹۵۳ء میں ماؤنٹ ایورسٹ کو پہلی مرتبہ سر کرتے وقت آکسیجن کی مدد حاصل کر کے فاؤل پلے کیا تھا۔
۱۹۸۰ء میں اس نے یہ کارنامہ زیادہ بہتر انداز میں دوہرایا۔
وہ اپنے رک سیک اور گرل فرینڈ کے ساتھ ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ پہنچا اور چند دنوں میں تنِ تنہا (Solo Ascend) آکسیجن کی مدد کے بغیر ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لیا۔ برطانوی کوہ پیما کرس بو لنگٹن کا قول ہے کہ کوہ پیمائی کی تاریخ میں اگر کوئی مہم کارنامہ کہلانے کی حقدار ہو سکتی ہے تو وہ ہے ماؤنٹ ایورسٹ کو بغیر آکسیجن اور تنِ تنہا سر کرنا، کوئی اور مہم کارنامہ کہلانے کی حقدار نہیں۔ ابھی تکر ائن ہولڈمیسنر دُنیا کا واحد کوہ پیما ہے جو اس معیار پر پورا اترتا ہے۔
۱۹۸۲ء میں بھی اس نے ایک نیہ تاریخ رقم کی اور ایک ہی سیزن میں تین ایسی چوٹیاں (کنچن چنگا ۸۵۹۸ میٹر، گیشر برم دوم ۸۰۳۵ میٹر اور براڈ پیک ۸۰۴۸ میٹر)سر کر ڈالیں جن کی بلندی ۸۰۰۰ میٹر سے زائد تھی۔
گیشر برم دوم اور براڈ پیک پر اس کے کلائمبنگ پارٹنر پاکستان کے نذیر صابر اور شیر خان تھے۔ گیشر برم دوم کی مہم نے بھی ایک تنازع کو جنم دیا۔ چوٹی کی طرف بڑھتے ہوئے میسنر کو راستے میں ایک کوہ پیما کی لاش نظر آئی جو چند سال پہلے گیشر برم کو سر کرنے کی کوشش میں ہلاک ہو گیا تھا۔ میسنر ڈیڈ باڈی کو دفن کرنے کی زحمت کئے بغیر آگے بڑھتا رہا۔ مہم کے اختتام پر یہ معاملہ سامنے آیا تو کافی لے دے ہوئی۔ مرحوم کوہ پیما کے لواحقین نے میسنر پر سخت تنقید کی اور یہاں تک کہا گیا کہ میسنر دنیا کا واحد کوہ پیما ہے جو منزل تک پہنچنے کے لئے اپنے ساتھی کوہ پیماؤں کی لاشوں پر سے بھی گزر سکتا ہے۔
میسنرریکارڈ سازی کے بجائے اپنی جولانیِ طبع کی تسکین کے لئے کوہ پیمائی کرتا رہا۔ وہ پیشہ ورانہ کامیابی کی انتہا کے لئے بھی نئی حدودمتعیّن کرنا چاہتا تھا اور ۱۹۸۴ ء میں ایک منفرد اور دنیا کو چونکا دینے والا کارنامہ سرانجام دے کروہ اپنے مقصد میں کامیاب رہا۔ اس نے گیشربرم دوم کو سر کا اور بیس کیمپ پر واپس آنے کے بجائے قراقرم کی بلندیوں پر سفر کرتے ہوئے پاکستان کی ہی ایک اور چوٹی گیشر برم اوّل( ہڈن پیک، مستور چوٹی ۸۰۶۸ میٹر ) کی چوٹی پر جا پہنچا اور وہاں سے نیچے اُترا۔ اس نے یہ کارنامہ آٹھ دن میں انجام دیا، یعنی آٹھ دن وہ قراقرم کے ڈیتھ زون میں رہا۔ اس مہم کے دوران اسے وہی ڈیڈ باڈی پھر نظر آئی جسے اس نے ۱۹۸۲ء میں دیکھا تھا، اس مرتبہ اس نے اسے برف کی ایک دراڑ میں دفن کر دیا۔ اس مہم میں اس کا ساتھی معروف کوہ پیما ہانس کیمر لینڈر (Hans Kammerlander ) تھا۔ کیمر لینڈر کا کہنا ہے کہ واپسی کے سفر میں میسنر برف کے غار میں گر گیا تھا اور اپنے مافوق الفطرت ریفلکسز کی وجہ سے موت کے جبڑوں میں جانے سے بچا۔ میسنر کے نزدیک بھی کوہ پیمائی کی دنیا میں یہ اس کا سب سے بڑا اور خطرناک کارنامہ ہے۔
افسانوی شہرت رکھنے والے پاکستان کے ہائی آلٹی چیوڈ پورٹر ’’لٹل کریم‘‘ نے اس ٹیم کی مدد کی تھی۔
سولہ اکتوبر۱۹۸۶ء کو لہو تسے نامی پہاڑ سر کرنے کے بعد وہ دنیا کا پہلا کوہ پیما بن گیا جس نے تمام کی تمام یعنی چودہ ایسی چوٹیاں سر کر لی تھیں جن کی بلندی آٹھ ہزار میٹر سے زائد تھی۔ یہ کسی بھی کوہ پیما کے لئے پیشہ ورانہ کامیابی کا نکتہ عروج تھا۔ ایک امریکی کوہ پیما پیٹر آتھنز (Peter Athans) نے، جو سات مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکا ہے میسنر کے بارے میں کہا:
’’ میسنر نے لوگوں کے تصوّرات یکسر بدل کر رکھ دیئے اور وہ کچھ کر ڈالا جس کے بارے میں سوچنا بھی ناممکن لگتا تھا۔ ‘‘
۱۹۸۶ء میں قریب قریب تمام اہم چوٹیاں سر ہو چکی تھیں اور بلندیاں اپنی دلچسپی کھو رہی تھیں کہ رائن ہولڈ میسنر کے یٹی(Yeti) کو دیکھنے کے دعوے نے کوہ پیماؤں میں سنسنی پھیلا دی۔ اُس نے دعویٰ کیا کہ اس نے کم از کم چار مرتبہ یٹی کو دیکھا ہے، اس کی تصاویر لی ہیں اور ویڈیو بنائی ہے۔ اس نے اس سلسلے میں باقاعدہ تحقیق کی اور ایک کتاب ’’My Quest for Yeti‘‘ لکھی۔ یٹی یا کریہہ المنظر برفانی انسان (Abominable Snowman) ایک افسانوی کردار کے طور پر ۱۸۳۲ء سے دھوم مچا رہا ہے جب نیپال میں رہنے والے ایک برطانوی باشندے نے ایسی مخلوق کا تذکرہ سنا جو انسان کی طرح کھڑے ہو کر چلتی ہے اور جس کے جسم پر سیاہ، لمبے اور گھنے بال ہیں۔ اس موضوع پر کئی فلمیں بن چکی ہیں۔ ایک فلم تو حال ہی میں ریلیز ہوئی اور کافی کامیاب رہی۔ ہٹلر جیسا شخص بھی یٹی کے چکر میں پھنسا رہا، اس نے پروفیسر ارنسٹ شیفر (Schaefer Ernst ) کو ہمالیائی سلسلے میں بھیجا تاکہ یٹی پر مکمل تحقیق کی جا سکے۔ اسے امید تھی کے یٹی آریاؤں اور جرمن قوم کے درمیان گمشدہ کڑی کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ ہٹلر اگر ایسی اوٹ پٹانگ امیدیں نہ رکھتا تو؟۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو شاید عالمی ولن بھی نہ بنتا۔ شیفر نے تو ہٹلر کو کوئی مستند رپورٹ نہیں دی، لیکن میسنر نے کافی عرصہ سسپنس پھیلانے کے بعد اعلان کیا کہ یٹی دراصل ہمالیائی سلسلے میں پایا جانے والا برفانی ریچھ ہے جو انسان کی طرح سیدھا کھڑا ہو کر چلتا ہے۔
کہا، ہم اونچی اونچی چوٹیوں کو سر کریں گے
کہا، سب اونچی اونچی چوٹیوں کو سر کرو تم
کہا، نانگا پربت کا ڈر ہے
کہا، نانگا پربت تو ہو گا۔
کہا، ہم کوہ پیمائی کے سب ریکارڈ توڑیں گے
کہا، کوہ پیمائی کے سب ریکارڈ توڑو تم
کہا، میسنرکا ڈر ہے
کہا میسنر تو ہو گا۔
جب میں واپس وہاڑی پہنا اور انٹر نیٹ سے دوبارہ رابطہ ہوا تو مجھے علم ہوا کہ آجکل تو نانگا پربت کے موضوعات بریکنگ نیوز کے طور پر عالمی میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔ ٹو ماز ہیو مار کے لئے کئے جانے والے پاک آرمی کے ریسکیو آپریشن کا چرچا تھا، ایڈویسچر(Ed Vesture) نے اس سال اناپورنا سر کر کے پہلا امریکی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا جس نے چودہ کی چودہ آٹھ ہزار ی چوٹیاں سر کر لی تھیں۔ لیکن ایڈونچر کی دُنیا میں جس شخصیت نے اِن اہم واقعات کی شہرت کو ماند کر دیا تھا وہ تھی ریٹائرڈ کوہ پیما رائن ہولڈ میسنر کی شخصیت، جسے ’’ زندہ کوہ پیماؤں میں عظیم ترین‘‘ کے لقب سے یاد کیا جا رہا تھا۔ اُس کی بائیو گرافی نظر سے گزری تو علم ہوا کہ مافوق الفطرت کارنامے سر انجام دینے والے اِس ’’عظیم ترین‘‘ کوہ پیما نے اپنی تیس سالہ پیشہ ورانہ زندگی کا بیشتر حصہ ۱۹۷۰ ء میں نانگا پربت پر جنم لےنے والی ماؤنٹین مسٹری کے طلسم میں گرفتار ہو کر نانگا پربت کا طواف کرتے گزارا، اور نانگا پربت میسنر کا پہاڑ کہلایا۔
نانگا پربت اور رائن ہولڈ میسنر ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہو چکے ہیں۔ نانگا پربت کی تاریخ سے میسنر کا ذکر حذف کر دیا جائے تو اس کی افسانوی حیثیت ختم ہو جاتی ہے اور اگر میسنر کی بائیو گرافی میں نانگا پربت کا باب شامل نہ کیا جائے تو اس کی ضخامت آدھی بھی نہں رہ جاتی۔
رائن ہولڈ میسنر ۱۷ستمبر ۱۹۴۴ء کو اٹلی کے خود مختار صوبے ساؤتھ ٹائرول کے قصبے ولناس فیون میں پیدا ہوا۔ اس کا باپ ایک سکو ل میں ہیڈ ماسٹر اور کٹر نازی تھا۔ وہ ایک ظالم باپ تھا۔ تیرہ سال کی عمر میں رائن ہولڈ ایک دن گھر آیا تو اس نے دیکھا کہ باپ نے اس کے چھوٹے بھائی گونتھرکو کتے سدھانے والے چابک سے بیدردی سے مارا ہے اور وہ کتو ں کے دڑبے میں چھپا بیٹھا ہے۔ رات کو دونوں بھائی گھر سے فرار ہو گئے اور کوہِ ایلپس پر کوہ پیما ٹیموں کے چھوٹے موٹے کام کر کے روزی کمانے لگے۔ یہیں سے انہیں کوہ پیمائی سے دلچسپی پیدا ہوئی اور انہوں نے مختلف ٹیموں کے ساتھ کلائمبنگ بھی شروع کر دی۔ جلد ہی رائن ہولڈ اور گونتھر کی صلاحیتیں نکھر گئیں اور وہ کوہ پیماؤں کے اہم ارکان میں شمار ہونے لگے۔
رائن ہولڈ خاص طور پر ایک دلیر، بے خوف اور سخت جان کلائمبر کے طور پر ابھرا۔ کوہ ایلپس سے ہی انہوں نے اپنی مہمات کا باقاعدہ آغاز کیا اور حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کیں۔ رائن ہولڈ بیس سال کا ہوا تو اس نے ایک موقع پر کہا کہ کوہ ایلپس اس کے لئے بہت چھوٹا ہو گیا ہے۔
رائن ہولڈ میسنر کی ابھرتی ہوئی شہرت کی بنیاد پر۱۹۷۰میں ڈاکٹر کال ماریا ہرلگ کوفر نے اسے نانگا پربت پر جانے والی مہم میں شمولیت کی دعوت دی۔ رائن ہولڈ خود بھی اب ہمالیائی سلسلہ میں قسمت آزما نا چاہتا تھا، اُس نے بخوشی یہ دعوت قبول کر لی۔ منتخب ٹیم کا ایک کوہ پیما کسی وجہ سے آخری لمحات میں شامل نہ ہو سکا تو گونتھر کو بھی موقع مل گیا اور دونوں بھائیوں نے معجزانہ انداز میں نانگا پربت سر کر لیا۔ یہ عظیم کامیابی اس وقت ٹریجڈی میں بدل گئی جب واپسی کے سفر میں گونتھر ایک برفانی تودے کا شکار ہو گیا۔ یہ مہم عدالتی کاروائی پر منتج ہوئی اور اس پر یہ الزام لگایا گیا کہ اُس نے اپنی خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے بھائی کو قربان کر دیا۔ یہ بات ایک سر بستہ راز بن گئی کہ گونتھر چوٹی پر پہنچا بھی یا نہیں اور پہنچا تو نیچے آنے کے لئے کونسا فیس منتخب کیا؟ روپل فیس یا دیا میر فیس!
بد قسمتی سے ہمالیائی سلسلے میں میسنر کی دوسری مہم (۱۹۷۲) بھی ایک حادثے کا شکار ہوئی اور افسانوی حیثیت اختیار کر گئی۔
میسنر اپنے ساتھی کوہ پیما فرانز جیگر (Franz Jäger )کے ساتھ ۸۱۵۶میٹر بلند ماؤنٹ مناسلو کی چوٹی سے کچھ ہی دور تھا کہ فرانز ایک دراڑ میں گر کر زخمی ہو گیا اور واپس کیمپ فائیو میں آ گیا۔ میسنر نے الپائن انداز میں تنہا اپنا سفر جاری رکھا اور نانگا پربت کی تاریخ دوہراتے ہوئے چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ واپسی شروع کی ہی تھی کہ برف کا طوفان شروع ہو گیا، شدید برف باری اور طوفانی ہوا کے بگولوں میں راستہ نظر آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا اس لئے وہ آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر راستہ سے بھٹک گیا۔ کئی گھنٹے گزر گئے لیکن طوفان کی شدت قائم رہی اور وہ فیصلہ نہ کر سکا کہ کدھر جائے۔ اچانک اس نے فرانز کی آواز سنی اور سمجھ گیا کہ اس کا ساتھی اس کی تلاش شروع کر چکا ہے اور اس کی راہنمائی کے لئے آوازیں دے رہا ہے لیکن طوفان کی شدت کی وجہ سے وہ یہ فیصلہ نہ کر سکا کہ آواز کس سمت سے آ رہی ہے۔ اس نے طوفان شروع ہونے سے پہلے کے منظر کا تصور کیا اور جس سمت سے طوفان کی آمد کے آثار تھے اسے مدّ نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ اسے اسی سمت جانا چاہئے جدھر سے طوفان آ رہا تھا، اور یہ فیصلہ صرف رائن ہولڈ میسنر ہی کر سکتا تھا۔ وہ طوفان سے نبرد آزما ہوتے ہوئے کیمپ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ اسے حیرانی ہوئی کہ فرانز کیمپ میں موجود نہیں تھا اور اس کے دوسرے ساتھیوں فرانک ہاسر(Horst Frankhauser)اور اینڈی شلک (Andi Schlick) نے اس کا استقبال کیا اور مبارکباد دی، یہ دونوں کیمپ فور سے میسنر اور فرانز کی تلاش میں کمپل فائیو آئے تھے۔
فرانز کہاں تھا؟
میسنر کو سو فیصد یقین تھا کہ جب وہ طوفان میں گھرا ہوا تھا تو اس نے فرانز کی آواز سنی تھی جو اس کی راہنمائی کرنا چاہتا تھا۔ اس کا مطلب تھا کہ وہ طوفان میں گھر چکا تھا۔ میسنر کی تو اپنی حالات ٹھیک نہیں تھی، اینڈی اور فرانک نے فرانز کی تلاش کا فیصلہ کیا اور کمپا چھوڑ دیا۔
کیمپ سے باہر شدید طوفان تھا اور کچھ نظر نہیں آ رہا تھا، کئی گھنٹوں بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ خود راستہ بھول چکے ہیں۔ طوفان شدید ہو گیا تو انہیں خود ساختہ برفانی غار میں پناہ لینی پڑی۔ یہاں انہوں نے فرانز کی آواز سنی جو مدد کے لئے پکار رہا تھا۔ ان دونوں نے اپنی پناہ گاہ چھوڑی اور فرانز کی تلاش زیادہ شد و مد سے شروع کر دی، لیکن طوفان مزید شدید ہو گیا اور انہیں ایک مرتبہ پھر برف کی عارضی پناہ گاہ بنانی پڑی۔ اینڈی زیادہ مضطرب تھا کیونکہ فرانز ساتھی کوہ پیما ہونے کے علاوہ اس کا قریبی دوست بھی تھا۔ وہ خود پر قابو نہ رکھ سکا اور اکیلا ہی فرانز کی تلاش میں نکل کھڑا ہوا۔ فرانک نے کافی دیر اس کا انتظار کیا اور طوفان کی شدت کم ہوئی تو کیمپ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔ فرانز اور اینڈی کا انتظار طویل ہوتا گیا، وہ کبھی واپس نہا سکے اور سمجھ لیا گیا کہ وہ موت کی وادی میں گم ہو چکے ہیں۔
اِس حادثے کا الزام بھی میسنر کی غلط پلاننگ اور خود غرضی کو دیا جانے لگا۔ تو اس نے فیصلہ کیا کہ اب وہ کبھی بھی کسی بڑی ٹیم کے ساتھ کوہ پیمائی نہیں کرے گا اور اس کے بعد وہ تنہا یا پھر ایک ساتھی کے ساتھ کوہ پیمائی کرتا رہا۔
پیٹرہیبلر(Peter Habeler) کے ساتھ۱۹۷۵ء میں اس نے کوہ پیمائی اور میڈیسن کی دنیا میں حقیقی طور پر تہلکہ ڈال دیا۔ اس نے گیشر برم اول(دنیا کی گیارہویں اور پاکستان کی چوتھی بلند ترین چوٹی جسے ہڈن پیک بھی کہا جاتا ہے) کو جس کی بلندی آٹھ ہزار پینتیس میٹر ہے، بغیر آکسیجن سلنڈر کے الپائن سٹائل میں سر کرنے کا اعلان کیا۔ اس کوشش کو پاگل پن اور صریح خودکشی کا نام دیا گیا۔ کچھ کوہ پیماؤں نے اسے میسنر کی خود نمائی اور پبلسٹی سٹنٹ کا نام بھی دیا۔ آٹھ اگست کو انہوں نے امدادی آکسیجن اور رسیوں کے بغیر خالص الپائن سٹائل میں مہم کا آغاز کیا اور اگلے دن چوٹی سے نو سو میٹر نیچے پہنچ کر برف کھود کر عارضی پناہگاہ بنائی۔ اگلے دن انہوں نے آئس ایکس، کریمپونز، کیمرے اور دوائیاں ساتھ لیں ، بقیہ سامان وہیں پر چھوڑا اور چوٹی کی جانب سفر شروع کر دیا۔ اگلے بارہ گھنٹے وہ حقیقی معنوں میں موت کے پنجوں سے نبرد آزما رہے اور با لآخر چوٹی پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔
میسنر اور ہیبلر کی اس کامیابی نے مستند سمجھے جانے والے کئی نظریات کو باطل ثابت کر دیا۔ اس وقت تک یہی پڑھایا جاتا تھا کہ آٹھ ہزار میٹر سے زائد بلندی پر امدادی آکسیجن کے بغیر زندگی ممکن نہیں۔ میسنر کی کامیابی نے سائنسدانوں کی مقررہ کردہ حدود کو عبور کیا اور انسانی جسم کے لئے نئی حدود کا تعین کیا۔ سائنسدانوں نے دوبارہ تحقیق کی اور اعلان کیا کہ اس بلندی پر صرف اتنی آکسیجن ہوتی ہے کہ انسان بمشکل زندہ رہ سکتا ہے، کوہ پیمائی کے لئے جس نقل و حرکت کی ضرورت ہے وہ ممکن نہیں۔ میسنر اور پیٹر ہیبلر کو باقاعدہ انتباہ کیا گا کہ دوبارہ ایسی کوئی حرکت خود کشی کے مترادف ہو گی۔ میسنر نے اِسکا منہ توڑ جواب ۱۹۷۸ء میں دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کو بغیر آکسیجن سر کر کے دیا، اس مرتبہ بھی اس کا ساتھی کوہ پیما پیٹر ہیبلر ہی تھا۔
اکّیس اپریل کو انہوں نے مہم کا آغاز کیا، لیکن ساڑھے سات ہزار میٹر سے اوپر نہ جا سکے اور واپس آ گئے۔ انہوں نے ہمت نہ ہاری اور چند دن بعد ہی دوبارہ کوشش کی۔ میسنر اپنی کتاب کرسٹل ہاریزن میں لکھتا ہے :
’’پہلی ناکامی کے بعد ہیبلر نے حوصلہ ہار دیا تھا اور وہ آکسیجن کی مدد لینے پر مصر تھا لیکن میں نے سختی سے منع کر دیا۔ ہیبلر اس شرط پر دوبارہ کوشش کے لئے آمادہ ہوا کہ اگر کسی ایک کے ہوش و حواس قائم نہ رہے تو دونوں واپس آ جائیں گے۔ چوٹی کے پاس برف اتنی نرم تھی کہ ہمارے لئے برف میں دھنسی اپنی ٹانگوں کو باہر نکالنا ممکن نہ رہا۔ ہم نے برف سے ہٹ کر انتہائی دشوار گزار چٹانی راستہ اختیار کیا اور چٹانوں سے چمٹے ہوئے آہستہ آہستہ آگے بڑھتے رہے۔ لیکن چوٹی سے اٹھاسی میٹر کے فاصلے پر ہمارے جسم نے ساتھ دینے سے انکار کر دیا اور ہم بے دم ہو کر گر گئے۔ مجھے لگ رہا تھا کہ میرا پورا جسم ایک سانس لیتا ہوا پھیپھڑا ہے جو پھٹنے ہی والا ہے۔ کئی گھنٹے کی جان لیوا جد و جہد کے بعد آہستہ آہستہ رینگتے ہوئے ہم چوٹی پر پہنچے۔ ‘‘
اس طرح آٹھ مئی کو کوہ پیمائی کی نئی تاریخ رقم کی گئی۔ اس ناقابلِ یقین کامیابی کو مافوق الفطرت کارنامے کے طور پر شہرت ملی۔ کچھ ماہرین کا موقف ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ پہلی بار ۸ مئی ۱۹۷۸ء کو رائن ہولڈ میسنر نے سر کیا۔ا انصاف کا تقاضا یہی تھا کہ دونوں مدّ مقابل نہتّے ہوں ، سر ایڈمنڈ ہلیری نے ۱۹۵۳ء میں ماؤنٹ ایورسٹ کو پہلی مرتبہ سر کرتے وقت آکسیجن کی مدد حاصل کر کے فاؤل پلے کیا تھا۔
۱۹۸۰ء میں اس نے یہ کارنامہ زیادہ بہتر انداز میں دوہرایا۔
وہ اپنے رک سیک اور گرل فرینڈ کے ساتھ ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ پہنچا اور چند دنوں میں تنِ تنہا (Solo Ascend) آکسیجن کی مدد کے بغیر ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لیا۔ برطانوی کوہ پیما کرس بو لنگٹن کا قول ہے کہ کوہ پیمائی کی تاریخ میں اگر کوئی مہم کارنامہ کہلانے کی حقدار ہو سکتی ہے تو وہ ہے ماؤنٹ ایورسٹ کو بغیر آکسیجن اور تنِ تنہا سر کرنا، کوئی اور مہم کارنامہ کہلانے کی حقدار نہیں۔ ابھی تک ر ائن ہولڈ میسنر دُنیا کا واحد کوہ پیما ہے جو اس معیار پر پورا اترتا ہے۔
۱۹۸۲ء میں بھی اس نے ایک نئی تاریخ رقم کی اور ایک ہی سیزن میں تین ایسی چوٹیاں (کنچن چنگا ۸۵۹۸ میٹر، گیشر برم دوم ۸۰۳۵ میٹر اور براڈ پیک ۸۰۴۸ میٹر)سر کر ڈالیں جن کی بلندی ۸۰۰۰ میٹر سے زائد تھی۔
گیشر برم دوم اور براڈ پیک پر اس کے کلائمبنگ پارٹنر پاکستان کے نذیر صابر اور شیر خان تھے۔ گیشر برم دوم کی مہم نے بھی ایک تنازع کو جنم دیا۔ چوٹی کی طرف بڑھتے ہوئے میسنر کو راستے میں ایک کوہ پیما کی لاش نظر آئی جو چند سال پہلے گیشر برم کو سر کرنے کی کوشش میں ہلاک ہو گیا تھا۔ میسنر ڈیڈ باڈی کو دفن کرنے کی زحمت کئے بغیر آگے بڑھتا رہا۔ مہم کے اختتام پر یہ معاملہ سامنے آیا تو کافی لے دے ہوئی۔ مرحوم کوہ پیما کے لواحقین نے میسنر پر سخت تنقید کی اور یہاں تک کہا گیا کہ میسنر دنیا کا واحد کوہ پیما ہے جو منزل تک پہنچنے کے لئے اپنے ساتھی کوہ پیماؤں کی لاشوں پر سے بھی گزر سکتا ہے۔
میسنر ریکارڈ سازی کے بجائے اپنی جولانیِ طبع کی تسکین کے لئے کوہ پیمائی کرتا رہا۔ وہ پیشہ ورانہ کامیابی کی انتہا کے لئے بھی نئی حدودمتعیّن کرنا چاہتا تھا اور ۱۹۸۴ ء میں ایک منفرد اور دنیا کو چونکا دینے والا کارنامہ سرانجام دے کروہ اپنے مقصد میں کامیاب رہا۔ اس نے گیشربرم دوم کو سر کیا اور بیس کیمپ پر واپس آنے کے بجائے قراقرم کی بلندیوں پر سفر کرتے ہوئے پاکستان کی ہی ایک اور چوٹی گیشر برم اوّل( ہڈن پیک، مستور چوٹی ۸۰۶۸ میٹر ) کی چوٹی پر جا پہنچا اور وہاں سے نیچے اُترا۔ اس نے یہ کارنامہ آٹھ دن میں انجام دیا، یعنی آٹھ دن وہ قراقرم کے ڈیتھ زون میں رہا۔ اس مہم کے دوران اسے وہی ڈیڈ باڈی پھر نظر آئی جسے اس نے ۱۹۸۲ء میں دیکھا تھا، اس مرتبہ اس نے اسے برف کی ایک دراڑ میں دفن کر دیا۔ اس مہم میں اس کا ساتھی معروف کوہ پیما ہانس کیمر لینڈر (Hans Kammerlander ) تھا۔ کیمر لینڈر کا کہنا ہے کہ واپسی کے سفر میں میسنر برف کے غار میں گر گیا تھا اور اپنے مافوق الفطرت ریفلکسز کی وجہ سے موت کے جبڑوں میں جانے سے بچا۔ میسنر کے نزدیک بھی کوہ پیمائی کی دنیا میں یہ اس کا سب سے بڑا اور خطرناک کارنامہ ہے۔
افسانوی شہرت رکھنے والے پاکستان کے ہائی آلٹی چیوڈ پورٹر ’’لٹل کریم‘‘ نے اس ٹیم کی مدد کی تھی۔
سولہ اکتوبر۱۹۸۶ء کو لہو تسے نامی پہاڑ سر کرنے کے بعد وہ دنیا کا پہلا کوہ پیما بن گیا جس نے تمام کی تمام یعنی چودہ ایسی چوٹیاں سر کر لی تھیں جن کی بلندی آٹھ ہزار میٹر سے زائد تھی۔ یہ کسی بھی کوہ پامی کے لئے پیشہ ورانہ کامیابی کا نکتہ عروج تھا۔ ایک امریکی کوہ پیما پیٹر آتھنز (Peter Athans) نے، جو سات مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکا ہے میسنر کے بارے میں کہا:
’’ میسنر نے لوگوں کے تصوّرات یکسر بدل کر رکھ دیئے اور وہ کچھ کر ڈالا جس کے بارے میں سوچنا بھی ناممکن لگتا تھا۔ ‘‘
۱۹۸۶ء میں قریب قریب تمام اہم چوٹیاں سر ہو چکی تھیں اور بلندیاں اپنی دلچسپی کھو رہی تھیں کہ رائن ہولڈ میسنر کے یٹی(Yeti) کو دیکھنے کے دعوے نے کوہ پیماؤں میں سنسنی پھیلا دی۔ اُس نے دعوٰی کیا کہ اس نے کم از کم چار مرتبہ یٹی کو دیکھا ہے، اس کی تصاویر لی ہیں اور ویڈیو بنائی ہے۔ اس نے اس سلسلے میں باقاعدہ تحقیق کی اور ایک کتاب ’’My Quest for Yeti‘‘ لکھی۔ یٹی یا کریہہ المنظر برفانی انسان (Abominable Snowman) ایک افسانوی کردار کے طور پر ۱۸۳۲ء سے دھوم مچا رہا ہے جب نیپال میں رہنے والے ایک برطانوی باشندے نے ایسی مخلوق کا تذکرہ سنا جو انسان کی طرح کھڑے ہو کر چلتی ہے اور جس کے جسم پر سیاہ، لمبے اور گھنے بال ہیں۔ اس موضوع پر کئی فلمیں بن چکی ہیں۔ ایک فلم تو حال ہی میں ریلیز ہوئی اور کافی کامیاب رہی۔ ہٹلر جیسا شخص بھی یٹی کے چکر میں پھنسا رہا، اس نے پروفیسر ارنسٹ شیفر (Schaefer Ernst ) کو ہمالیائی سلسلے میں بھیجا تاکہ یٹی پر مکمل تحقیق کی جا سکے۔ اسے امید تھی کے یٹی آریاؤں اور جرمن قوم کے درمیان گمشدہ کڑی کی نشاندہی کر سکتا ہے۔ ہٹلر اگر ایسی اوٹ پٹانگ امیدیں نہ رکھتا تو؟۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ تو شاید عالمی ولن بھی نہ بنتا۔ شیفر نے تو ہٹلر کو کوئی مستند رپورٹ نہیں دی، لیکن میسنر نے کافی عرصہ سسپنس پھیلانے کے بعد اعلان کیا کہ یٹی دراصل ہمالیائی سلسلے میں پایا جانے والا برفانی ریچھ ہے جو انسان کی طرح سیدھا کھڑا ہو کر چلتا ہے۔
پہاڑ اُس کی ہیبت سے سمٹ کر رائی بن گئے تو اُس کی سیمابی فطرت نے اپنے لئے کھیل کے نئے میدانوں کا انتخاب کیا۔
۱۹۹۰ ء میں وہ اور اس کا جرمن ساتھی آروِڈ فیوشس(Arved Fuchs ) دنیا کے پہلے انسان بن گئے جنہوں نے کسی جانور یا مشین کی مدد کے بغیر قطب جنوبی کے راستے برِاعظم انٹارکٹیکا کو پیدل عبور کیا، یہ دو ہزار آٹھ سو کلو میٹر کا فاصلہ تھا۔
۲۰۰۴ء میں ، ۵۹ سال کی عمر میں میسنر نے چھ ہفتوں میں صحرائے گوبی پیدل عبور کیا اور ایسا شخص کہلایا جس نے قطب شمالی سے قطب جنوبی تک براستہ گرین لینڈ، انٹارکٹکا، مشرقی تبت اور صحرائے گوبی پیدل سفر کیا تھا۔
میسنرپچاس سے زائد کتابوں کا مصنف ہے۔ وہ پانچ سال تک اٹلی کی گرین پارٹی کی طرف سے یورپین پارلیمنٹ کا ممبر رہا ہے۔ دنیا کے امیر ترین افراد میں اس کا شمار ہوتا ہے۔ پاکستان کے شمالی علاقوں میں وہ کئی تربیتی سکول قائم کر رہا ہے۔
۱۹۷۰ء کی ماؤنٹین مسٹری نے اُس کی شخصتا پر گہرے اثرات مرتّب کئے اور اُس کا پورا کیرئیر الزامات کی زد میں رہا۔
اس کی ذات پر الزامات کی بارش اور زیادہ شدید ہو گئی جب اس نے ۲۰۰۱ء میں میونخ میں ایک پریس کانفرنس میں یہ الزام عائد کیا کہ اس کا بھائی اِسلئے ہلاک ہوا کہ ٹیم ممبرز نے ان کی مدد کے لئے دیا میر سائیڈ پر پہنچنے میں دیر کر دی تھی اور یہ کہ اس کے سینئر ساتھیوں کو کوئی افسوس نہ ہوتا اگر گونتھر کے ساتھ وہ خود بھی ہلاک ہو جاتا۔ اس پریس کانفرنس میں (جو دراصل ڈاکٹر کارل ماریا ہرلگ کوفر کی سوانح عمری کی تقریب رونمائی تھی جس کا دیباچہ میسنر نے لکھا تھا) اس کی ۱۹۷۰ء کی مہم کے دو ساتھی جرگن ونکلر (Juergen Winkler )اور گرہارڈ باور(Gerhard Baur ) بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس باکن پر سخت احتجاج کیا لیکن میسنر نے کوئی معذرت نہیں کی اور اپنے موقف پر قائم رہا۔ اس نے ان الزامات کو اصل واقعہ کے بتّیس سال بعد ۲۰۰۲ء شائع ہونے والی اپنی مشہور (بدنام؟) کتاب Naked Mountain میں دوہرایا تو دو اور ساتھیوں میکس وان کینلن (ax von Kienlin M)اورہانس سیلر( Hans Saler)نے زیادہ شدید ردِ عمل کا اظہار کیا۔ وان نے The Traverse اور سیلر نے Light and Shadow نامی کتابیں لکھیں جس میں باقاعدہ الزام عائد کیا کہ میسنر نے اپنے بھائی کو روپل سائیڈ سے اترنے کے لئے اکیلا چھوڑ دیا اور خود دیامیر سائیڈ سے نیچے اتر گیا تا کہ نانگا پربت کو عبور (Traverse) کرنے کا کارنامہ سرانجام دے سکے۔ انہوں نے یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ ہو سکتا ہے کہ گونتھر چوٹی تک پہنچا ہی نہ ہو اور راستے میں ہی ہلاک ہو گیا ہو۔ رائن ہولڈ اپنی خواہش کا اتنا اسیر ہو چکا تھا کہ بھائی کی موت کے خدشہ پر کامیابی کے حصول کو ترجیح دی۔ برفانی تودے سے ہلاک ہونے والی کہانی اِس لئے گھڑ لی گئی تاکہ وہ اپنے بھائی کو اپنی خواہشات پر قربان کرنے کے الزامات سے بچ سکے۔
میسنر پورے کیرئیر کے دوران اس الزام کو غلط اور بے بنیاد ثابت کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ اُس کی مسلسل کوشش رہی کہ وہ گونتھرکی ڈیڈ باڈی تلاش کر لے، اور یہ ڈیڈ باڈی اگر دیامیر فیس سے ملی، تو اس کے مخالفین کی زبانیں بند ہو جائیں گی اور اس کا موقف درست ثابت ہو جائے گا کہ وہ بھائی کے ساتھ دیامیر فیس سے نیچے اتر رہا تھا جب گونتھر ایک برفانی تودے کی زد میں آیا۔ اس نے اس مقصد کے لئے کم و بیش چھ مرتبہ نانگا پربت کا سفر کیا۔
۲۰۰۰ء میں وہ اپنے بھائی ڈاکٹر ہیوبرٹ میسنر کے ساتھ گونتھر کی ڈیڈ باڈی کی تلاش میں دیامیر فیس کی جانب سے نانگا پربت کی چوٹی تک جانے کے پروگرام کے ساتھ پاکستان آیا۔ تین اور کوہ پیماؤں کی ٹیم بھی ساتھ تھی۔ موسمی حالات کی وجہ سے وہ نانگا پربت کی چوٹی تک تو نہ جا سکے البتہ انہیں اسی جگہ سے پنڈلی کی ایک ہڈی ملی جہاں رائن ہولڈ کے بقول گونتھر برفانی تودے کی زد میں آیا تھا۔ وہ اس ہڈی کو لے کر بیس کیمپ پر آئے جہاں ہیوبرٹ میسنر نے اس ہڈی کا معائنہ کیا، اور وہ اپنی پنڈلی کی ہڈی سے موازنہ کر کے خیال ظاہر کیا کہ یہ گونتھر کی نہیں ہو سکتی کیونکہ یہ نسبتاً لمبی ہے۔ دوسرے کوہ پیماؤں اور خود میسنر نے سمجھا کہ اگر یہ ہڈی گونتھر کی نہیں تو پھر اس پاکستانی کوہ پیما کی ہو گی جو چند سال پہلے حادثے کا شکار ہوا تھا۔ میسنر اس ہڈی کو اپنے ساتھ لے گیا اور تین سال تک وہ اس کی لائبریری میں پڑی رہی۔ ۲۰۰۳ ء میں اسے اطلاع ملی کہ پاکستانی کوہ پیما کی لاش دیامیر فیس سے مل گئی ہے اور اس کا ڈھانچہ مکمل ہے۔ میسنر نے سوچا ہو سکتا ہے کہ اس کے بھائی ہیوبرٹ کا اندازہ غلط ہو اور یہ ہڈی گونتھر کی ہی ہو۔ اس نے یہ ہڈّی ایک معروف لیبارٹری میں ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھیج دی۔ اس ٹیسٹ کی رپورٹ سنسنی خیز ثابت ہوئی کیونکہ رپورٹ کے مطابق ہڈی کا تعلّق میسنر فیملی سے تھا۔
میسنر نے اِس دریافت کو فخریہ طور پر میڈیا کے سامنے پیش کیا، میڈیا نے نمایاں انداز میں اِسے مشتہر کیا اور رائن ہولڈ میسنر کے موقف کو تقویت حاصل ہوئی کہ گونتھر واقعی دیامیر فیس پر حادثے کا شکار ہوا تھا۔ میسنر نے زیادہ جوش و خروش سے ڈیڈ باڈی کی تلاش شروع کر دی۔ نانگا پربت پر جانے والی مہمّاتی ٹیموں اور پاکستانی گائیڈز سے اپنے روابط میں اضافہ کیا اور مدد کی درخواست کی۔
۲۰۰۵ء میں پاکستانی گائیڈز کو تقریباً اسی جگہ ایک ڈیڈ باڈی ملی جہاں سے پنڈلی کی ہڈی ملی تھی۔ اِس ڈھانچے سے پنڈلی کی ہڈی غائب تھی۔ انہوں نے میسنر کو اطلاع دی اور وہ چودہ ٹریکرز کی ایک ٹیم کے ساتھ پاکستان پہنچ گیا۔ یہی وہ ٹیم تھی جس سے ہماری ملاقات فیری میڈوز میں ہوئی۔ وہ لو گ دیامیر فیس پہنچے اور ڈھانچے کا معائنہ کیا۔ میسنر نے ڈھانچے کو دیکھتے ہی کہا :
Es Ist Mein Bruder!ــ (یہی میرا بھائی ہے)
اس نے جیکٹ اور چمڑے کے بوٹ کی وجہ سے ڈیڈ باڈی کو شناخت کیا۔ لیکن یہاں پر اس نے کچھ جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔ بوٹ، جیکٹ اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے ہڈی کا ٹکڑا حاصل کرنے کے بعد اس نے ڈیڈ باڈی کو نذر آتش کر دیا اور اس کی راکھ نانگا پربت کے طول و عرض پر بکھیر دی۔ چار ستمبر کو اس نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی اور بوٹ کو اخباری نمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اس کے بھائی کی ڈیڈ باڈی کے بقایا جات دیامیر فیس سے مل چکے ہیں۔ دنیا کو اب اس کا موقف تسلیم کر لینا چاہیے، اور مخالفین کو مطعون کرنا چاہیے جو اس کی شہرت کو داغ دار کرنے کے لئے پینتیس سال تک جھوٹے الزامات لگاتے رہے ہیں۔
اُنّیس اگست کو دنیا کے معروف روزنامہ "دی ٹائمز" لندن نے سہ کالمی سرخی شائع کی:
"معروف کوہ پیما اپنے بھائی کو قربان کرنے کے الزام سے بری"۔
اس دریافت کے بعد اصولی طور پر میسنر کے موقف کو درست تسلیم کر لیا گیا اور ایک کالم نگار نے یہ کہانی "دی گارجین" میں شائع کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ ’’ رائن ہولڈ میسنر ۱۹۷۰ء میں نانگا پربت کی چوٹی پر پہنچا تھا اور ۲۰۰۵ء میں واپس بیس کیمپ آیا ہے۔ ‘‘
جنگ، ڈان، بی بی سی، دی سن، گارجین اور خاص طور پر جرمن، آسٹریلیا اور اٹلی کے اخباروں نے اس خبر کو خاص اہمیت دی، لیکن میسنر کے مخالفین نے شکست تسلیم نہیں کی۔ انہوں نے فوراً ہی پریس کانفرنس کی اور الزامات عائد کئے کہ میسنر نے ڈیڈ باڈی کو نذرِ آتش کر کے نہ صرف غیر قانونی حرکت کی ہے بلکہ اس نے دیدہ دانستہ اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جرم کے ثبوت بھی ضائع کر دیئے ہیں۔ اب یہ ثابت کرنا مشکل ہے کہ وہ ڈیڈ باڈی گونتھر کی ہی تھی کیونکہ اسے باقاعدہ شناخت کے مراحل سے نہیں گزارا گیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان پر بھی سخت تنقید کی کہ ناقابل شناخت ڈیڈ باڈی کو کس قانون کے تحت رائن ہولڈ کے حوالے کیا گیا ؟ اور اسے نذرِ آتش کرنے کی اجازت کس بناء پر دی گئی؟
بہر حال فی الوقت عمومی طور پر میسنر کا موقف درست تسلیم کر لیا گیا ہے اور میسنر نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں آخری اطلاع یہ ہے کہ ڈی۔ این۔ اے ٹسٹ کی فائنل رپورٹ نے ثابت کر دیا ہے کہ دیامیر فیس سے ملنے والی ڈیڈ باڈی گونتھر میسنر کی تھی … اس رپورٹ کو سرکا ری طور پر شائع کیا گیا اور تسلیم کر لیا گیا ہے۔
میسنر نے ہالی وڈ کے ایک پروڈیوسر سے معاہدہ کیا ہے جو گونتھر کی موت، اس سے پیدا ہونے والی ماؤنٹین مسٹری اور رائن ہولڈ کے خلاف اس کے مخالفین کی جانب سے چلائی گئی پینتیس سال کے عرصے پر محیط کردار کشی کی مہم کے بارے میں ایک ڈاکومنٹری فلم بنائے گا تاکہ میسنر کے دامن پر لگے الزامات کے داغ مکمل طور پر دھل جائیں۔
میسنر کی زندگی تعریف کے ساتھ ساتھ تنقید کی زد میں بھی رہی۔ اُسے انا پرست، خود پسند، خود غرض، ضدّی اور اکھڑ مزاج کہا گیا۔ اُس کی کئی کامیاب مہمات میں اس کے ساتھی پیٹر ہیبیلر نے اُس کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا:
’’ سب کچھ ٹھیک رہتا ہے اگر آپ میسنر کی رائے سے اختلاف نہ کریں۔ وہ نمبر ون رہنا چاہتا ہے اور اس کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتا خواہ وہ اس کے ساتھیوں کی زندگیاں ہی کیوں نہ ہوں۔ ‘‘
اس پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ اپنے مقصد کے حصول کے لئے اپنے ساتھی کوہ پیماؤں بلکہ بھائی کی لاش پر سے بھی گزر سکتا ہے، اورنانگا پربت، لہوتسے اور گیشر برم کی مہمات اس کا ثبوت ہیں۔ اس پر حشیش پینے کا الزام بھی ہے اور کہا جاتا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما نذیر صابر نے اسے حشیش سے روشناس کرایا۔
معروف کوہ پیما، کوہ پیمائی کے بارے میں کئی کتابوں کا مصنف اور دنیا کا مشہور ترین ماؤنٹین فوٹوگرافر گریگ چائلڈ (Greg Child) میسنر کے بارے میں رقم طراز ہے :
’’ آپ کو پسند آئے یانا پسند، کوہ پیمائی کی دنیا کے تمام راستے رائن ہولڈ میسنر کی طرف ہی جاتے ہیں۔ ‘‘
موجودہ دور کا نمبر ون سمجھا جانے والا امریکی کوہ پیما ایڈ ویسچر کہتا ہے:
’’ میسنر کی انا پرستی ہی تو وہ طاقت ہے جس نے اُسے غیر معمولی قوت اور منزل کو پا لینے کا عزم بخشا۔ وہ محمد علی کی طرح اپنے الفاظ کی سیڑھی پر چڑھ کر منزل حاصل کر لیتا ہے۔ ‘‘
ہم خوش قسمت تھے کہ کوہ پیمائی کی دنیا کے اس افسانوی کردار سے، چند لمحے کے لئے ہی سہی، ہماری ملاقات تو ہوئی۔۔ ۔ ۔ ۔ اور میں ایک مرتبہ پھر یہ کہنے سے باز نہیں رہ سکتا کہ فیری میڈوز کا ٹریک اگر ہم نے صرف میسنر سے ملاقات کے لئے ہی کیا تھا تو بھی سستا سودا تھا، بلکہ لوٹ سیل کہیں تو زیادہ مناسب ہو گا۔
{ختم شد}
نانگا پربت کے جھرنوں میں
ڈاکٹر محمد اقبال ہماؔ
{ہر لحظہ ہے مومن کی نئی آن نئی شان}۔۔ اقتباس
مناظرِ فطرت سے لطف اندوز ہونے کا ذوق انسانی جبلّت میں شامل کر دیا گیا ہے اور ہر انسان فطری طور پر اِس ذوق کی تسکین کا خواہاں ہے۔ مختلف النّوع جذبوں کی طرح یہ بھی ایک ایسا جذبہ ہے جو ہر انسان میں کسی نہ کسی وقت ضرور ظاہر ہوتا ہے۔ اس جذبہ کی شدت میں کمی بیشی تو فطری ہے، اس کے وجود سے یکسر انکار ممکن نہیں ۔
پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے بلند و بالا پہاڑ، وسیع و عریض سبزہ زار اور پُر شور دریا اللہ تعالیٰ کی صنّاعی کا دلفریب شاہکار ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی قدرت کاملہ پر ایمان کو مزید پختہ کر دیتے ہیں ۔ ہر شخص اپنے روزمّرہ کے ماحول سے فرار حاصل کر کے جب فطرت کے طلسمِ ہوشربا میں داخل ہوتا ہے تو ماحول کے سحر میں گرفتار ہو کر کچھ وقت کے لئے دُنیا کی اُلجھنوں سے آزادی حاصل کر لیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلک بوس چوٹیوں سے آراستہ وطنِ عزیز کے کچھ علاقے جو اپنی خوبصورتی اور کشش کے باعث پوری دنیا میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، اوائلِ مئی سے ستمبر کے آخر تک کوہ نوردوں اور کوہ پیماؤں کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں ۔ دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں افراد سیزن کے دنوں میں ان علاقوں کا رخ کرتے ہیں ۔ ان علاقوں کو کوہ نوردوں اور کوہ پیماؤں کی ارضی جنت سے تشبیہہ دی جاتی ہے۔
ایک معروف یورپین ایڈوینچر رائٹر ’’ڈیوڈرچ‘‘ نے دنیا کے خوبصورت ترین پہاڑی مقامات کا موازنہ کیا ہے،اپنے تجزیہ میں وہ لکھتا ہے:
’’اگر دنیا کے ایسے خوبصورت ترین پہاڑی مقام کے انتخاب کا مرحلہ درپیش ہو جہاں لوگ اپنی تفریحی چھٹیاں گزارنا پسند کرینگے تو جو مقامات فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گے وہ غالباً یہ ہوں گے:
فرانس،سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کے کوہِ ایلپس
نیپال کے اناپورنا اور ایورسٹ
سپین کا کوہِ سیرانویدا
جنوبی امریکہ میں ہزاروں میل میں پھیلا ہوا کوہِ اینڈیز
چلّی اور شمالی امریکہ کے آتش فشاں
نیوزی لینڈ میں جنوبی کوہِ ایلپس
واشنگٹن سے کولوراڈو تک پھیلے ہوئے راکی ماؤنٹینز
لیکن پاکستان کا وہ خطہ جہاں دنیا کی چودہ بلند ترین چوٹیوں میں سے پانچ موجود ہیں ، یہ انتخاب بلا مقابلہ جیت لے گا کیونکہ ان چوٹیوں کا دامن ان گنت خوبصورت جھیلوں ، قطبین کے بعد عظیم ترین گلیشیئرز اور دنیا کے بلند ترین وسیع و عریض سبزہ زاروں سے بھرا ہوا ہے۔ ‘‘
جانِ فردوس ہیں تیرے کوہ و دمن
زندہ باد اے وطن زندہ باد اے وطن
پاکستان کے یہ سحر انگیز علاقے اپنے چاہنے والوں کو قصّۂ حاتم طائی کے کوہِ ندا کی مانند ہر سال پکارتے ہیں اور یہ ممکن ہی نہیں کہ اس پکار پر دھیان نہ دیا جائے، چنانچہ ہزاروں پروانے بے بس ہو کران کی جانب کھنچے چلے آتے ہیں ۔ مشہور سکاچ کوہ نورد، ما ہر ارضیات اور مصنّف جان موئر ایک جگہ لکھتا ہے:
’’ پہاڑ مجھے پکارتے ہیں تو مجھے جانا ہی پڑتا ہے۔ ‘‘
مجھے ان پروانوں میں شامل ہونے کا نہ تو دعویٰ ہے اور نہ ہی ہمت،البتہ زمانۂ طالب علمی میں چترال،سوات اور ناران سے شناسائی ہوئی تو شمالی علاقہ جات کی زیارت کا شوق پیدا ہوا جو غم روزگار کی بھول بھلیّوں میں گم ہو گیا۔ پانچ سال پہلے اسی خوابیدہ شوق نے انگڑائی لی تو گلگت اور ہنزہ کا رُخ کیا۔ راکا پوشی کے جلووں کی چھاؤں میں گزرے ہوئے یہ لمحات کتابِ زندگی کا ناقابلِ فراموش باب بن چکے ہیں ، لیکن اُسی دوران ایک خواہشِ ناتمام نے بھی دل میں بسیرا کر لیا تھا جو بار بار سر اُٹھاتی اور سختی سے کچلی جاتی رہی۔
میں ہارون آباد سے گلگت کے لئے روانہ ہونے لگا تو محترم ڈاکٹر ارشد صاحب ڈینٹل سرجن، اور ڈاکٹر محمد اسلم صاحب ڈپٹی۔ ڈی۔ ایچ۔ او نے نصیحت فرمانے کی کوشش کی :
’’دیکھو یار گلگت جا رہے ہو تو فیری میڈوز ضرور جانا۔ ‘‘
’’فیری میڈوز کیا چیز ہے اور کہاں ہے؟‘‘
’’تم نے فیری میڈوز کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کیں ؟‘‘
ـ ’’نہیں ۔ ‘‘
’’پھر گلگت کیا کرنے جا رہے ہو؟‘‘
میں خاموش رہا۔
جواب میں ’’جھک مارنے ‘‘ کہتا تو ارشد صاحب کے ناراض ہونے کا خدشہ تھا۔ وہ بہت زود رنج انسان۔ ۔ ۔ ۔ سوری۔ ۔ ۔ ۔ زود رنج ڈاکٹر ہیں ۔
’’فیری میڈوز کا مطلب ہے پریوں کا مسکن !بلکہ پریوں کی چرا گاہ ! اور یہ نانگا پربت کے دامن میں ایک وسیع و عریض سبزہ زار ہے جو سیزن کے دِنوں میں پھولوں کے تختوں سے ڈھکا ہوتا ہے اور اپنے حسن و جمال کے لئے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ ‘‘ اسلم صاحب نے بتایا۔
’’آپ نے دیکھا ہے فیری میڈوز؟‘‘ میں نے ان کی معلومات سے مرعوب ہوتے ہوئے پوچھا۔
’’ہم نے گزشتہ سال کوشش کی تھی لیکن تاتو گاؤں سے آگے نہ جا سکے، کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستہ بند تھا۔ لیکن سُنا یہی ہے کہ فیری میڈوز قابلِ دید مقام ہے،اُسے خواہ مخواہ ہی تو پریوں کے مسکن سے تشبیہ نہیں دی گئی۔ ‘‘
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)