اردو شاعری و کلام

نغمات سید

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (5,834 الفاظ)

نغماتِ سید

سید ابوبکر مالکی بھٹکلی

انتساب
بصد عقیدت
والد محترم سید محی الدین مالکی
اور
والدہ محترمہ بی بی فاطمہ معلمؔ کے نام
جن کی آغوش تربیت نے ذوق ادب کو جلا بخشی
سید ابوبکر مالکی

کتابت :۔ مالکی کمپیوٹرس بھٹکل
ترتیب و تزئین :۔ سیدابوبکر مالکی
ؑ عثمانیہ مسجد کراس، نوائط کالونی، بھٹکل ، کرناٹکا
پن کوڈ ۵۸۱۳۲۰ فون نمبر 226099
دبئی کا پتہ :۔ پوسٹ بکس ۲۸۸ ، دبی امارات
ای میل :۔[email protected] ویب سائیٹ :۔ www.bhatkal.org
موبائیل :۔ 00971-50-6504263

حمد

یہ زمیں تیری آسماں تیرا
در حقیقت ہے یہ جہاں تیرا
جو نظر آرہے ہیں شمس و قمر
کہکشاں تیری آسماں تیرا
یہ سمندر یہ جھیل یہ جھرنے
سارے کا سارا کارواں تیرا
خوبصورت یہ پھول اور پتے
یہ چمن تیرا گلستاں تیرا
ہم سمجھتے ہیں جس کو قہر و بلا
در حقیقت ہے امتحاں تیرا

نعت رسولؐ

لکھنا چاہوں نعت رسول
کوشش میری ہو مقبول
جب بھی لکھا نعت رسول
کھل گیا میرے دل کا پھول
اسوۂ اقدس کا ہوں مطیع
میرے رہبر ان کے اصول
روضۂ انور کو دیکھوں
میری دعا ہو جائے قبول
سونا چاندی سے بڑھ کر
ارضِ مدینہ کی ہے دھول
نعت نبی لکھنا پڑھنا
سیدؔ صاحب کا معمول

نعت

زمانے کو اک راہبر مِل گیا
مسافر کو ِسمت سفر مِل گیا
سکوں دل کو میرے میسر نہ تھا
مگر مجھ کو اب چارہ گر مل گیا
جو قربت تمہاری مجھے ،مل گئی
مجھے یوں لگا مال و زر مل گیا
تمہاری حدیثوں پہ قائم رہا
مجھے جیسے علم و ہنر مل گیا
جو تقلید اوروں کی کرتے ہے
انہیں اک شجر بے ثمر مل گیا
جو قرآن لایا ہمارے لئے
ہمیں ایک پیغام بر مل گیا
بھٹکتا رہا تھا خیالات میں
مجھے دین اب معتبر مل گیا
خُدا کی ہوئی مجھ پہ رحمت عجب
محمدؐ سا خیر البشر مل گیا
یہ اخلاصِ دل ہی کی تاثیر تھی
دعاؤں کا مجھ کو اثر مل گیا

نعت پاک

کیا کہوں کیا بتا دیا تو نے
مجھ کو جینا سکھا دیا تو نے
سر تو جھکتا تھا سامنے رب کے
دل بھی میرا جھکا دیا تو نے
حق و باطل کا درس تو نے دیا
راہ حق کا پتہ دیا تو نے
اور کیا چاہئے مجھے پھر اب
مجھ کو میرا خدا دیا تو نے
ہر طرف بے وفا تھے دنیا میں
آ کے درس وفا دیا تو نے
پیار الفت خلوص و مہرو وفا
جو دیا مصطفی دیا تو نے
دیکھ سکتا نہیں تھا میں مجھ کو
سامنے آئینہ دیا تو نے
اپنے خالق سے کٹ گیا تھا بشر
اس کو رب سے ملا دیا تو نے

نعت رسول پاک

ایمان کی ہے شرط محبت رسولؐ کی
واجب ہے مومنوں پہ اطاعت رسولؐ کی
قرآن پاک ہی تو ہے سیرت رسولؐ کی
اللہ کا پیام ہے دعوت رسولؐ کی
دنیا کی سازشوں کا کوئی غم نہیں مجھے
چلتی ہے میرے دل پہ حکومت رسولؐ کی
میدان جنگ میں بھی وہ رہتے تھے پیش پیش
تھی ایسی شاندار شجاعت رسول کی
بخشا تھا دشمنوں کو بھی میدان جنگ میں
تھی ایسی بے مثال شرافت رسولؐ کی
خود بھوکا رہ کے آپ کھلاتے تھے غیر کو
تھی بے نظیر شان سخاوت رسولؐ کی
ظاہر ہے ان کی حق و صداقت کا یہ کمال
کافر بھی دے رہے تھے ضمانت رسولؐ کی
اُمی لقب سے جن کو نوازا گیا کبھی
لیکن تھی بے مثال ذہانت رسولؐ کی
ادنی سا اک محب نبی ہوں بفضل حق
مجھ پر بھی ہوگی چشمِ عنایت رسولؐ کی
اللہ کے غضب کے بنے گی وہ مستحق
جس قوم پر برستی ہے لعنت رسول کی
سیدؔ زبان اور قلم کی ہے کیا مجال
کیسے کروں بیان میں عظمت رسولؐ کی

غزلیات

کوئی نہ جانے کیا گزری
لب پہ تبسم دل رنجور
تیری خوشیوں کی خاطر
تیری جدائی بھی منظور
ان سے دوری نا ممکن
دل کے ہاتھوں ہیں مجبور
خوشیاں کیا اور غم کیا ہیں
اپنے اپنے دل کا فتور
پیار کے دشمن لاکھوں ہیں
یہ تو جہاں کا ہے دستور
لوٹ کے آنا مشکل ہو
یار نہ جانا اتنی دور
حسن ہے اس کا لاثانی
جنت کی ہو جیسے حور
سورج چاند ستاروں سے
ان کا چہرہ ہے پر نور
پیار کا زخم ارے توبہ
بن جائے گا یہ ناسور
جتنے ہیں وہ میرے قریب
دل ہے ان کا اتنی دور
ذوق سفر پائندہ باد
ہم کو منزل نا منظور
نفرت کی اس دنیا میں
عشق ہمارا ہے دستور

کوئی مال میں کوئی دولت میں گم ہے
کوئی شخص اپنی ضرورت میں گم ہے
جو تاجر ہے اپنی تجارت میں گم ہے
جو عاشق ہے اپنی محبت میں گم ہے
کوئی عیش کرتا ہے دولت پہ اپنی
کوئی روز کی اپنی محنت میں گم ہے
مجھے خوف لگتا ہے تنہائیوں سے
مگر ایک شاعر تو خلوت میں گم ہے
نہ خدمت کا جذبہ نہ دل میں محبت
جو لیڈر ہے گندی سیاست میں گم ہے
نہ ہے فکر دنیا نہ ہی فکر عقبیٰ
جسے دیکھو وہ عیش عشرت میں گم ہے
جو کافر ہے رحمت سے ا آشنا ہے
مگر مرد مومن تو رحمت میں گم ہے
وطن راس آیا نہ قسمت کو اپنی
کہ سید ؔ ہمیشہ ہی ہجرت میں گُم ہے

کیوں دل سے ترے میری عداوت نہیں جاتی
کیوں دل سے مرے تیری محبت نہیں جاتی
نفرت ہی ملی مجھ کو محبت کے عوض میں
افسوس ہے کیوں ایسی روایت نہیں جاتی
میں بانٹتا پھرتا ہوں محبت کو جہاں میں
آسانی سے بچپن کی یہ عادت نہیں جاتی
گھٹ گھٹ کے ہی مر جاتے ہیں مجبور و پریشاں
مظلوموں کے در تک تو عدالت نہیں جاتی
میں نے تجھے چاہا ہے یہی میری خطا ہے
تا عمر مرے دل سے ندامت نہیں جاتی
تصویریں ابھرتی ہیں ہزاروں ہی جہاں میں
جو دل میں منقش ہے وہ صورت نہیں جاتی
سیدؔ کبھی دولت کا ذخیرہ نہ بناؤ
گر بانٹو غریبوں میں تو دولت نہیں جاتی
دنیا کی جو دولت ہے وہ جاتی بھی ہے سیدؔ
جو پیار کی دولت ہے وہ دولت نہیں جاتی

جنگ کا منظر ہے اب چاروں طرف
آگ میں ہر گھر ہے اب چاروں طرف
کس طرح منزل پہ پہنچے قافلہ
راہزن رہبر ہے اب چاروں طرف
مسکراتی تھی خوشی میں زندگی
آنکھ لیکن تر ہے اب چاروں طرف
نفسانفسی کا ہے عالم دہر میں
ہاتھ میں خنجر ہے اب چاروں طرف
رہبری سے جو شناسا ہی نہیں
کیوں وہی رہبر ہے اب چاروں طرف
جس کی زرخیزی پہ سب کو ناز تھا
وہ زمیں بنجر ہے اب چاروں طرف
دوسروں کے گھر بناتا جو رہا
کیوں وہی بے گھر ہے اب چاروں طرف

خیال اُس کا دل سے نکلتا نہیں ہے
کوئی زور دل پر تو چلتا نہیں ہے
غریبی امیری میں ہے فرق باقی
یہ رنگِ زمانہ بدلتا نہیں ہے
خیالوں میں میرے سمایا وہ ایسے
نکالے سے بھی اب نکلتا نہیں ہے
یہاں بیچتا ہے کوئی خون اپنا
امیروں کا دل تو پگھلتا نہیں ہے
جدائی تیری مجھ کو ڈستی ہے ہر دم
کسی طرح دل یہ بہلتا نہیں ہے
غریبی نے بچے پہ وہ ظلم ڈھایا
کھلونوں کو اب وہ مچلتا نہیں ہے
جسے خوف لگتا ہے دولت سے اپنی
کبھی گھر کی بھی چھت پر ٹہلتا نہیں ہے
حقیقت سے میں آشنا ہو گیا ہوں
ابھی حُسن کا زور چلتا نہیں ہے
براھیم ؑ کا جس کے اندر ہو ایماں
کسی آگ میں بھی وہ جلتا نہیں ہے
وہ برباد ہوتا ہے دنیا میں سیدؔ
جو گر نے پہ بھی خودسنبھلتا نہیں ہے

مزاحیہ تضمین

جب کسی بات پہ بیوی سے ٹھنی ہوتی ہے
بن کے آفت وہ میری جاں پہ بنی ہوتی ہے
اس کے بیلن کا مجھے خوف لگا رہتا ہے
’’بیٹھ جاتا ہوں جہاں چھاؤں گھنی ہوتی ہے‘‘

پانے کی طرح ہے نہ ہی کھونے کی طرح ہے
یہ دل میرا بالکل ہی کھلونے کے طرح ہے
منزل پہ پہنچ کر بھی وہ منزل سے ہے غافل
ساحل پہ سفینے کو ڈبونے کی طرح ہے
جب دل کو سکوں میرے میسر نہیں آیا
سب کچھ ہے مگر کچھ بھی نہ ہونے کی طرح ہے
سلوٹ میرے چہرے پہ نظر آئے گی تم کو
کچھ حال میرا میرے بچھونے کی طرح ہے

دے کے جھوٹی شان سچائی نکالی جائے گی
پھر تیری آنکھوں سے بینائی نکالی جائے گی
پھول کاغذ کے سجا کے ہر طرف اس باغ میں
آج اس گلشن کی رعنائی نکالی جائے گی
دے کے عیاشی کے ساماں مفت میں تجھ کو یہاں
جسم سے تیرے توانائی نکالی جائے گی
جھوٹ ہی کو گھول کر تجھ کو پلایا جائے گا
ائے مسلماں تجھ سے سچائی نکالی جائے گی
تیرا لہجہ دیکھ کر یہ داد بھی دیں گے تجھے
تجھ سے پھر تیری ہی گویائی نکالی جائے گی
پھوٹ ڈالی جائے گی دو بھائیوں کے درمیاں
توڑ کر طاقت کو یکتائی نکالی جائے گی
بے خبر عیاشیوں کے جو ہیں دلدل میں پھنسے
اس وطن سے نغمہ پیرائی نکالی جائے گی
تیری دولت لوٹ کر تجھ کو پچھاڑا جائے گا
تیری عزت پھر میرے بھائی نکالی جائے گی

انکار سے خطرہ ہے اقرار سے خطرہ ہے
ہر حال میں عاشق کو دلدار سے خطرہ ہے
نفرت کی جو دیواریں حائل ہیں مکانوں میں
اب گھر کے مکینوں کو دیوار سے خطرہ ہے
غنڈوں کی حکومت ہے ہر ملک میں ہر گھر میں
اب امن کے حامی کو سرکار سے خطرہ ہے
دشمن نے نہیں لوٹا اپنوں نے ہی لوٹا ہے
بس آج وزیروں کے دربار سے خطرہ ہے
لوٹا ہے وطن کو خود اپنے ہی دو ہاتھوں سے
کہتے ہیں مگر ظالم اغیار سے خطرہ ہے
تلوار تو سارے ہی رکھتے ہیں میانوں میں
دشمن کو مگر میرے اشعار سے خطرہ ہے
دشمن سے نہیں خطرہ اپنوں سے شکایت ہے
خود اپنے جوانوں کے کردار سے خطرہ ہے
فنکار بھی بکتا ہے زر دار کی منڈی میں
بکتے ہوے اے سیدؔ فنکار سے خطرہ ہے

وہ جو میرے قریب ہوتے ہیں
وہی میرے رقیب ہوتے ہیں
جن کی قسمت میں بھوک فاقے ہوں
وہ تو اکثر ادیب ہوتے ہیں
ان سے مل کر کبھی خوشی نہ ملی
آگے پیچھے رقیب ہوتے ہیں
گھر میں ہر چیز اب میسر ہے
پھر بھی شکوے عجیب ہوتے ہیں
شاعری جن کی روزی روٹی ہو
وہ بڑے بد نصیب ہوتے ہیں
گنجے پن پر مرے نہ تم ہنسنا
آپ بھی عنقریب ہوتے ہیں
چاپلوسی جنہیں نہیں آتی
وہ تو اکثر غریب ہوتے ہیں
سچ کا دامن جو تھام لیتے ہیں
وہ تو زیرِ صلیب ہوتے ہیں
دائمی جو مریض ہیں سیدؔ
سب سے بہتر طبیب ہوتے ہیں

چڑیوں نے اجاڑا نہیں ڈیرہ اسے کہنا
شاخوں پہ ابھی تک ہے بسیرا اسے کہنا
تاریک سہی رات مگر صبح تو ہوگی
ہر رات کا ہوتا ہے سویرا اسے کہنا
خود اپنے ہی بل بوتے پہ جینا ہے شجاعت
ملتا نہیں دنیا میں سہارا اسے کہنا
زخمی ہے مرا دل تیری نظروں کے اثر سے
نظروں پہ بٹھا دے کوئی پہرا اسے کہنا
مل جائے تیرا ساتھ تو دنیا بھی ہے جنت
اب دل ہے تیرے غم کا بسیرا اسے کہنا
کچھ تو میری دھڑکن بھی سنو جان تمنا
باتوں میں نہ ہو جائے سویرا اسے کہنا
دنیا میری بے نور سی ہو جاتی ہے سیدؔ
ہاتھوں میں چھپانا نہیں چہرہ اسے کہنا

تجھے نماز کی فرصت نہیں تعجب ہے
زکوٰۃ و روزوں کی عادت نہیں تعجب ہے
تجھے خدا سے محبت نہیں تعجب ہے
رسولؐ پاک سے الفت نہیں تعجب ہے
تمہارے پاس ہے دنیا کا مال و زر لیکن
خدا کے دین کی دولت نہیں تعجب ہے
نہ تجھ کو فکر ہے اپنی نہ آخرت کا خیال
تجھے یقین قیامت نہیں تعجب ہے
شراب جیسی غلاظت کو چکھ رہا ہے وہ
ذرا بھی دل میں کراہت نہیں تعجب ہے
جو وقت آئے رہِ حق میں جان دینا ہے
دلوں میں ذوق شہادت نہیں تعجب ہے
شریف باپ کی اولاد کا یہ عالم ہے
ذرا بھی اُن میں شرافت نہیں تعجب ہے

بہت ہی با وفا لگنے لگا ہے
وہ کیا ہے اور کیا لگنے لگا ہے
کسی انساں سے تم کیوں مانگتے ہو
تمہیں کیا وہ خدا لگنے لگا ہے
یہ شاید تیرے ہاتھوں کا فسوں ہے
کہ زہر اب تو دوا لگنے لگا ہے
وہ کرتا رہتا ہے تعریف میری
مگر مجھ کو گلہ لگنے لگا ہے
تمہارا ظلم و استبداد مجھ پر
محبت کا صلہ لگنے لگا ہے
قسم کھانے لگا ہے جو وفا کی
مجھے وہ بے وفا لگنے لگا ہے
یہ اندھی عقیدت ، جو ہے مجرم
وہی اب پارسا لگنے لگا ہے
الگ ہے شعر سیدؔ کا کہ دیکھو
زمانے سے جدا لگنے لگا ہے

یاد خدا کو دل سے بھلایا نہ کیجئے
ہر در پہ اپنے سر کو جھکایا نہ کیجئے
لٹ جائے گی غموں کی یہ دولت بھی دوستو
سینے کے داغ سب کو دکھایا نہ کیجئے
بے پردہ عورتوں سے یہ میرا خطاب ہے
الزام عاشقوں پہ لگایا نہ کیجئے
جو دوسروں کے واسطے وجہ ملال ہو
ایسی خوشی کبھی بھی منایا نہ کیجئے
گھر آپ کے پڑوسی کا تاریک ہو تو پھر
قندیل اپنے گھر میں جلایا نہ کیجئے
کچھ بھی نہ ہاتھ آئے گا تذلیل کے سوا
دکھ درد اپنا سب کو سنایا نہ کیجئے

ذات کا اپنی اُسے عرفان ہونا چاہئے
آدمی کو کم سے کم انسان ہونا چاہئے
دین کی خاطر ہم اپنی جان بھی دیں گے سدا
ہر مسلماں کا یہی ارمان ہونا چاہئے
بس زباں سے لا الہ کہنے سے کچھ حاصل نہیں
اے مسلماں دل میں بھی ایمان ہونا چاہئے
سامنے منزل ہے تیرے جستجو اب شرط ہے
کہہ رہا ہے راستہ آسان ہونا چاہئے
دل میں جذبہ ہو جہاد فی سبیل اللہ کا
ہم کو اپنے دین پر قربان ہونا چاہئے
ہر کوئی پہچانتا ہے کیا ہے اچھا کیا برا
آدمی کے دل میں بھی میزان ہونا چاہئے
کیوں سجا رکھا ہے قرآں کو یوں الماری میں آج
زندگی ہی میں تری قرآن ہونا چاہئے

زندگی میں غم نہ ہو تو زندگی بیکار ہے
آنکھ تیری نم نہ ہو تو ہر خوشی بیکار ہے
جانور بھی یوں تو جیتے ہیں جہاں میں شان سے
آدمیت گر ہو عنقا آدمی بیکار ہے
علم سے بنتا ہے انساں با ادب اور با مراد
جو عمل سے بے خبر ہو آگہی بیکار ہے
رنگ و رونق سے نہیں بنتا ہے انساں دلفریب
خوبصورت دل نہ ہو تو دلکشی بیکار ہے
بے غرض بن کے رہو دنیا میں ہر دم دوستو
دوستی مطلب کی ہو تو دوستی بیکار ہے
آج کل کی روشنی سے مجھ کو تاریکی عزیز
روشنی سے گھر جلیں تو روشنی بیکار ہے
شعر کہنے اور سننے میں بڑا ہی لطف ہے
جب نہ ہو پیغام تو پر شاعری بیکار ہے
فن بھی دب کر رہ گیا ہے مفلسی کی آڑ میں
جو نہ بج پائے کبھی وہ بانسری بیکار ہے
لوٹ اور گھپلے کی چلتی ہے سیاست ہند میں
آج کل کے رہبروں کی رہبری بیکار ہے

انکار کی زد میں کبھی اقرار کی زد میں
آ جاؤں کبھی میں بھی ترے پیار کی زد میں
کب تک یونہی ہر کام میں دیوار بنو گے
آ جاؤ گے خود بھی کبھی دیوار کی زد میں
نظروں سے مجھے تو نے گرفتار کیا ہے
تو بھی کبھی آ جائے گرفتار کی زد میں
ہاتھوں میں قلم ہے میرے تلوار سے بڑھ کر
آنا نہ کبھی تو کسی فنکار کی زد میں
حق مارنے والے تجھے یہ یاد ہے رکھنا
تو بھی کبھی آ جائے گا حقدار کی زد میں
کب تک تری تلوار چلے گی یونہی سید ؔ
آ جائے گا تو بھی کبھی تلوار کی زد میں

ہر ایک لمحہ جو گزرا خیال تھا اس کا
جو میرے دل میں سمایا جمال تھا اس کا
نہ چاہ کر بھی نگاہیں اسی پہ تھیں مرکوز
جو چاہ کر بھی نہ دیکھا کمال تھا اس کا
یہ امتحان تھا میرا مری محبت کا
جواب میرا تھا اپنا سوال تھا اس کا
نہ اس کو چاہ تھی دولت و شان و شوکت کی
بس ایک روٹی کا ٹکڑا سوال تھا اس کا
میرے بغیر تو اک پل اسے سکون نہیں
جو حال تھا مرا اپنا وہ حال تھا اس کا
عجیب کشمکش زندگی میں ہوں غلطاں
سبب یہ اِسکا ہے دل میں خیال تھا اس کا
عجیب گردش ایام کے تھے ہم مارے
ہمارے دن تھے مہینے تھے سال تھا اس کا

دنیا کے لوگ خوشیاں منانے میں رہ گئے
ہم بد نصیب اشک بہانے میں رہ گئے
کچھ جاں نثار ایسے بھی گذرے ہیں دہر میں
مٹ کر بھی جن کے نام زمانے میں رہ گئے
مسمار ہو گیا تھا مرا گھر فساد میں
تا عمر اپنا گھر ہی بنانے میں رہ گئے
آنسو چھلک پڑے تو خبر سب کو ہو گئی
ہم اپنے دل کا داغ چھپانے میں رہ گئے
خود سر بلند ہو نہ سکے عمر بھر کبھی
اپنے حریف کو جو جھکانے میں رہ گئے
سیکھا نہیں زمانے سے چھوٹا سا اک سبق
تا عمر دوسروں کو سکھانے میں رہ گئے
اپنے ہنر سے اور تو زر دار بن گئے
ہم لوگ کھوٹے سکے چلانے میں رہ گئے
انسان بھی جلائے گئے لکڑیوں کے ساتھ
ہم ہیں کہ اپنی جان بچانے میں رہ گئے

کرسی یہ سیاست کی خطرناک بہت ہے
پاکیزہ جو لیڈر ہے وہ ناپاک بہت ہے
کھاتے ہیں سیاست میں کبھی انڈے ٹماٹر
لیڈر کے لئے وقت یہ نمناک بہت ہے
بڑھتی ہی چلی جائے ہے مہنگائی مسلسل
تقریر تو کرنے میں یہ بے باک بہت ہے
لڑواتا ہے یہ ہندو مسلماں کو ہمیشہ
سر اپنا بچاتا ہے یہ چالاک بہت ہے
گرگٹ کی طرح رنگ بدلتا ہے ہمیشہ
پھر بھی اسے حالات کا ادراک بہت ہے
پڑھنا تو نہیں آتا ہے لیڈر کو ہمارے
روزانہ مگر اس کے لئے ڈاک بہت ہے

ساری دنیا سراب جیسی ہے
زندگانی عذاب جیسی ہے
اس طرح ہو رہی ہے عمر بسر
مسکراہٹ بھی خواب جیسی ہے
اس کا چہرہ ہے اس قدر روشن
جیسے وہ ماہتاب جیسی ہے
شاعری میری اب پڑھے گا کون
یہ پرانی کتاب جیسی ہے
سارے لیڈر ہیں قوم پر قرباں
اب فضا انتخاب جیسی ہے
زندگانی کے صحن گلشن میں
یاد تیری نصاب جیسی ہے
ناز کر تو نہ حسنِ صورت پر
یہ جوانی حباب جیسی ہے
مسکراہٹ ہے اس کی پھولوں سی
وہ تو بالکل گلاب جیسی ہے

ایک ظالم سے کیسے پیار کریں
زیست کو کیسے خارزار کریں
مصلحت ہے اِدھر تو پیار اُدھر
کونسی راہ اختیار کریں
زندگی بھر رہی یہی الجھن
تجھ سے نفرت کریں کہ پیار کریں
کیا میرے پیار کا یہی ہے صلہ
عمر بھر تیرا انتظار کریں
دشمنوں کا کروں میں کیوں شکوہ
جبکہ اپنے ہی مجھ پہ وار کریں
زندگی جیسےکوئی طوفاں ہے
ایسے دریا کو کیسے پار کریں
کتنی مطلب پرست ہے دنیا
کیسے اپنوں پہ اعتبار کریں
لیڈروں نے کیا ہمیں برباد
آج ہم کس پہ انحصار کریں
کیا جنوں کا یہی تقاضہ ہے
اپنے دامن کو تار تار کریں
زر پرستی کا دور ہے سیدؔ
اس میں مجھ کو بھی اب شمار کریں

کل تلک تو ہنستا تھا آج رو رہا ہوں میں
رنج اور خوشی میں اب فاصلہ نہیں کوئی
بارہا کہا میں نے چاہتا ہوں میں اس کو
جانتے ہیں سب لیکن مانتا نہیں کوئی
نفرتیں مٹاؤ اب چاہتیں بڑھاؤ اب
پیار کے سمندر میں ڈوبتا نہیں کوئی
تیرے ایک بسنے سے بس گیا تھا دل میرا
بن ترے ، مرے دل میں اب رہا نہیں کوئی
مفلسوں کی دنیا میں ہر طرف اندھیرا ہے
منزلیں تو ہیں لاکھوں راستہ نہیں کوئی
صرف ایک حسرت تھی جو نہ ہو سکی پوری
مانگ کر تجھے دیکھا اب دعا نہیں کوئی
آج کل کی دنیا میں فکر ہے تو بس اپنی
دوسروں کے بارے میں سوچتا نہیں کوئی
پیار ہو گیا عنقاسنگدل زمانے میں
بھول کر بھی اب سیدؔ چاہتا نہیں کوئی

خلوص و دین و دیانت نہیں تو کچھ بھی نہیں
جمالِ ذکر و عبادت نہیں تو کچھ بھی نہیں
جہاں کے کام میں الجھا ہے آج کل انساں
اگر نماز کی فرصت نہیں تو کچھ بھی نہیں
یہ خواہشات کا دریا کبھی نہ ہو سیراب
دلوں میں صبر و قناعت نہیں تو کچھ بھی نہیں
کسی کی زندگی کٹتی نہیں سدا سکھ میں
جہاں میں صبر و قناعت نہیں تو کچھ بھی نہیں
حسین لاکھ سہی گھر میں مرمریں قالین
جو تجھ میں میں ذوق نفاست نہیں تو کچھ بھی نہیں
تو لاکھ عیش کرے اپنی زندگی میں مگر
تیرے نصیب میں جنت نہیں تو کچھ بھی نہیں
خدا کے بعد نبی کا مقام آتا ہے
رسول پاک سے نسبت نہیں تو کچھ بھی نہیں
تو لاکھ کوششیں کرتا رہے زمانے میں
خدا کی تجھ پہ جو رحمت نہیں تو کچھ بھی نہیں

کتنے اشک چھپا رکھے ہیں
چیر کے دیکھو دِل بادل کا
پیار کی آنکھ سے اس نے دیکھا
میں نے جانا ساغر چھلکا
کون مجھے پھر یاد کریگا
شاعر ہوں میں پل دو پل کا
پتہ نہیں کل کب آئیگا
کل بھی کیا تھا وعدہ کل کا
اوروں کے جب غم کو دیکھا
آنکھ سے میری آنسو چھلکا
اُن آنکھوں میں بستا ہے
یہ تو مقدر ہے کاجل کا
کیا ہے اسی کا نام محبت
دل میں درد ہے ہلکا ہلکا
جنت کا خواہاں ہے لیکن
ذوق نہیں ہے اس کو عمل کا
عمر دو روزہ کیا ہے سن لو
کیچڑ میں ہے پھول کنول کا
فطرتؔ ہے غزلوں کا شہنشاہ
سر پہ تاج ہے اسکے غزل کا
رنگ معلم ؔ کا ہے مجھ میں
میں بھی ہوں شاعر بھٹکل کا

میں سدا اخلاق کی تعمیر میں الجھا رہا
اور واعظ عمر بھر تقریر میں الجھا رہا
تیرے وعدے پر نہ آنے سے رہا بے چین میں
رات ساری میں تیری تصویر میں الجھا رہا
یوں تو راہ راست سے ہٹتے نہ تھے میرے قدم
گویا میرا پاوں اک زنجیر میں الجھا رہا
خواب جو دیکھے اسے تعبیر کی ہے جستجو
خواب تو دیکھا نہیں تعبیر میں الجھا رہا
باپ کے اوصاف کی کوئی نہیں اس میں جھلک
مرگیا جو باپ تو جاگیر میں الجھا رہا
موج ساحل نے مٹا ڈالی میری ہر آرزو
ریت پر لکھی ہوئی تحریر میں الجھا رہا
مانگ کر دیکھا تجھے میں نے خدا سے بھی مگر
اس دعا کی عمر بھر تاثیر میں الجھا رہا

زندگی کا سفر ہے بہت مختصر
ہر قدم پر کھڑی موت ہے منتظر
اب شرافت پہ ہوتا نہیں ہے بسر
جسم بکتا ہے دیکھو سر راہ پر
کس لئے بات کرتے ہو صدیوں کی تم
آنے والے بھی پل کی نہیں جب خبر
مفلسی کا یہ جینا بھی جینا ہے کیا
عزم پرواز ہے پر نہیں بال و پر
قافلہ اب کے منزل کو پہنچے گا کیا
راہزن بن گیا آجکل راہبر
تیرا چہرہ ہے روشن بھی بے داغ بھی
ہیچ ہیں سامنے تیرے شمس و قمر
بات دل کی کہیں تو بھی کس سے کہیں
دوست ملتا نہیں کوئی بھی معتبر
قصر و دربار سے مجھ کو لینا ہے کیا
قبر ہی مجھ کو لگتی ہے اب میرا گھر
اپنی اونچائی پہ تجھ کو کیوں ناز ہے
کتنے اُونچے شجر دیکھے ہیں بے ثمر
تیرے دیدار کے سارے مشتاق ہیں
یاد کرتے ہیں یہ میرے دیوار و در

ان کو مجھ سے پیار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
وہ بس خوش گفتار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
عید کا چاند نظر آئیگا وہ بھی کبھی تو دیکھیں گے
ان کا بھی دیدار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
کل ملنے کا وعدہ کر کے جاتے ہیں وہ آج کی شام
ان کا یہ انکار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
وہ تو دوپٹہ تھا پہلے جو حسن کی زینت بنتا تھا
آج گلے کا ہار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
قاتل کو میں دیکھ نہ پاؤں کالا کپڑا پہنا دو
وہ خود میرا یار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
آگ میں مجھ کو ڈال رہے ہو حق کی بات سنانے پر
یہ بھی گل و گلزار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
مرنے والا مر بھی گیا ہے، آنکھ کھلی پر چھوڑ گیا
اس کو کچھ درکار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
غیر کے عیبوں پر ہنستا ہے تیرے لئے یہ زیب نہیں
تو بھی کبھی دوچار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے
یار سے اپنے دل کی باتیں کیوں کہتے ہو تم سیدؔ
وہ بھی لئے تلوار ہو شاید ایسا بھی ہو سکتا ہے

دل دھڑکنے کی یہ صدا کیا ہے
دل کو آخر مرے ہوا کیا ہے
ان کی آنکھوں کو پڑھ لیا لیکن
ہم سے مت پوچھئے لکھا کیا ہے
صرف طوفاں میں یہ سمجھ آیا
ناخدا کیا ہے اور خدا کیا ہے
بے وفا آ کے اب گلے لگ جا
کیسی الجھن ہے سوچتا کیا ہے
بے قراری گھٹن تیری چاہت
کون جانے مجھے ہوا کیا ہے
بے وفائی کا اب یہ عالم ہے
مجھ سے پوچھے ہے کہ وفا کیا ہے
رابطہ اب رہا نہیں باقی
درمیاں پھر یہ سلسلہ کیا ہے
مجھ کو مرنا ہے ایک دن سیدؔ
میرا دنیا سے واسطہ کیا ہے

اہل زر خاموش ہیں اہل نظر خاموش ہیں
آنے والی آندھیوں سے بے خبر خاموش ہیں
مصلحت کا دور ہے مدمقابل ہے مفاد
کچھ ادھر خاموش ہیں اور کچھ ادھر خاموش ہیں
قافلہ بے سمت بڑھتا جا رہا ہے آج کل
دور ہے منزل مگر اہل سفر خاموش ہیں
کیوں بدلتا جا رہا ہے زندگی کا یہ نظام
راہزن محو عمل ہیں راہبر خاموش ہیں
وہ ہمارے حق میں بولیں گے ہمیں امید تھی
وقت آیا بولنے کا وہ مگر خاموش ہیں
اک دھماکہ سا ہوا تھا میرے گھر کے آس پاس
چیخ میں نے بھی سنی تھی گھر کے گھر خاموش ہیں
ہاں یہی گھر ہے جسے میں نے بنایا تھا کبھی
کس لئے پھر آج یہ دیوار و در خاموش ہیں
کونسا ڈر پال رکھا ہے دلوں میں آجکل
آج اپنے بھی یہاں مثل شجر خاموش ہیں
پڑھنے والے پڑھ گئے آنکھوں کی اس تحریر کو
آنکھ ان کی بولتی ہے لب مگر خاموش ہیں

تم کرو صرف جام کی باتیں
یہی باتیں ہیں کام کی باتیں
پیار ، الفت ، وصال ، قربانی
یہ تو ہوتی ہیں نام کی باتیں
کون محفل میں کر رہا ہے آج
یہ حلال و حرام کی باتیں
قتل و غارت گری سیاست ہے
عام ہیں قتل عام کی باتیں
پی کے اک گھونٹ آج واعظ بھی
صرف کرتا ہے جام کی باتیں
میرے اپنے بھی کر رہے ہیں آج
قتل کے اہتمام کی باتیں
لوٹ آتے نہیں ہیں گذرے دن
مت کرو دور جام کی باتیں

کسی گوشے میں دل کے پیار بھی ہے
اسے اس بات سے انکار بھی ہے
محبت کے وہ نغمے گا رہا ہے
چھپا کر ہاتھ میں تلوار بھی ہے
خریدا جا نہیں سکتا اسے اب
وہ مفلس ہے مگر خوددار بھی ہے
جو کل تک تھے یہاں غنڈے لفنگے
انہیں کی آج کل سرکار بھی ہے
لگا لو دل کسی زر دار سے تم
محبت آج کل بیوپار بھی ہے
زمانہ پیار کی کرتا ہے باتیں
دلوں کے درمیاں دیوار بھی ہے
نصیحت کر رہا ہے آج واعظ
بذات خود وہ بدکردار بھی ہے
میں عادی ہو گیا ہوں اب قفس کا
قفس ہی اب مرا گلزار بھی ہے

سینکڑوں ملے ہیں غم
پر خوشی ملی ہے کم
درد دوسروں کے ہیں
آنکھ میری کیوں ہے نم
رنج و غم مصیبتیں
دوستوں کے ہیں کرم
دل ہے یہ خدا کا گھر
دیر ہے نہ ہے حرم
وہ زمیں مہک اٹھی
تھے جہاں ترے قدم
دل نہیں ہے ان کے پاس
پتھروں کے ہیں صنم

مفلسی کا یہ آج عالم ہے
لوگ مرتے رہے دوا کے بغیر
کس لئے تم غرور کرتے ہو
کیا کوئی شئے بھی ہے فنا کے بغیر
کس نے دنیا بنائی ہے ساری
کیا یہ یوں ہی بنی خدا کے بغیر
پوچھتے ہیں وہ آخری خواہش
چھوڑ دو مجھ کو اب سزا کے بغیر
یہ حقیقت ہے ، کوئی بھی گل رُخ
خوبصورت نہیں حیا کے بغیر
آدمی لغزشوں کا پیکر ہے
کوئی اِنساں نہیں خطا کے بغیر

درد کی اور قرار کی باتیں
مت کرو مجھ سے پیار کی باتیں
میری دنیا خزاں رسیدہ ہے
تم نہ کرنا بہار کی باتیں
بھولنے کی کروں میں جب کوشش
یاد آتی ہیں پیار کی باتیں
پیار کرنا میں چھوڑ دوں کیسے
یہ نہیں اختیار کی باتیں
باتوں باتوں میں ہو گیا تیرا
یہ تو ہیں اعتبار کی باتیں
ہم کو نسبت ہے صرف پھولوں سے
کیوں یہ کرتے ہیں خار کی باتیں

جو کچھ بھی میں نے چاہا وہ مجھ کو ملا نہیں
اس پر بھی مجھ کو کوئی کسی سے گلہ نہیں
مکر و فریب دہر کا دستور بن گیا
سچ بات یہ ہے کوئی بھی حق آشنا نہیں
دو جسم ہیں ہمارے مگر روح ایک ہے
میں تجھ سے دور رہ کہ بھی تجھ سے جدا نہیں
دیکھا تھا اس نے مجھ کو بڑی سادگی کے ساتھ
میں کیوں ہوں بے قرار یہ مجھ کو پتہ نہیں
آ جاؤ انتظار نہ اب کر سکوں گا میں
دنیا ہے چار روزہ یہ تم نے سنا نہیں
شیشہ گرا تو ایک تہلکہ سا مچ گیا
دل ٹوٹنے کی میرے کوئی بھی صدا نہیں

یہ تمنا تھی ہمیں کوئی تو دلدار ملے
رہی بیسود یہ خواہش کوئی غم خوار ملے
اب کسی دل میں ہمیں کوئی محبت نہ ملی
حُسن کے یوں تو مگر لاکھ خریدار ملے
لاکھ ہنستے ہوئے چہرے نظر آئے ہم کو
پھر بھی ہر چہرہ پہ مایوسی کے آثار ملے
کبھی مطلب کے لئے ہی سہی مل لو ہم سے
یوں تو دشمن بھی کئی بن کے ہمیں یار ملے
کونسی ان میں کشش ہے یہ نہ جانے کوئی
جب نہ ملنے کی قسم کھائی تو سو بار ملے
رسم دنیا کے لئے سر تو ہلا دیتے ہیں
ہم کو اقرار کے پردے میں بھی انکار ملے
جو ہے مجبور یہاں روز بکا کرتا ہے
آج فنکار کے فن بھی سر بازار ملے
مجھ کو پہچان نہیں کون ہے میرا اپنا
آج اپنے بھی ہمیں حامیِ اغیار ملے
بس یہی دہر میں الفت کا صلہ ہے یارو
کبھی آہیں ، کبھی آنسو، کبھی اشعار ملے
یوں بھی دنیا کی خبر سے ہمیں لینا کیا ہے
جس میں صرف ان کی خبر ہو کوئی اخبار ملے
بے وفائی تو نہیں میری محبت کا صلہ
پیار کے بدلے میں ہم کو بھی تو کچھ پیار ملے
ایک بھی شعر نہ بن پایا خوشی میں مجھ سے
دل تڑپ اٹھا تو پھر مجھ کو یہ اشعار ملے
پھول تو لے گئے سب لوگ مگر اے سیدؔ
ہم نے جب ہاتھ بڑھایا تو ہمیں خار ملے

کوئی کہتا ہے یہ سر بازار
زندگی ہو گئی ہے اب آزار
کوئی ہمدم نہ کوئی رشتہ دار
زندگی ہے یہاں بہت دشوار
علم و فن کی نہیں ہے قدر ابھی
ہر طرف بک رہا ہے اب فنکار
آستینوں میں اُن کی ہے خنجر
ظاہرا یوں تو ہے وہ خوش گفتار
ائے غمِ زندگی ادھر آجا
مل کے باتیں کریں گے ہم دو چار
تن بدن جل رہا ہے مفلس کا
کیا جہنم ہے کیا عذاب النار
تو ہی کہہ دے کہ پیار ہے تم سے
پہلے ہم تم کی کس لئے تکرار
مفلسی نام ہے مصیبت کا
نہ کوئی گھر نہ ہے کوئی غم خوار
دیکھ لو قبر بادشاہوں کی
نہ کوئی دار ہے نہ پہرہ دار
یوں تو سب کچھ ہے چھوڑ کر جانا
تیری میری کی ہے بحث بیکار
جو شرافت سے کام لیتا ہے
وہی ہوتا ہے دہر میں سنگسار

اس دور کا ہر انساں قاتل نظر آتا ہے
مفلس کا یہاں جینا مشکل نظر آتا ہے
اب تک تو جہاں میں ہم قائل تھے محبت کے
رسوائی ، تڑپ اور زخم حاصل نظر آتا ہے
جو درد ملے ہم کو اپنوں نے دئے سارے
اس بات کا ہر کوئی قائل نظر آتا ہے
اب جسم بھی زخمی ہے اور روح بھی ہے زخمی
مجروح یہاں مجھ کو ہر دل نظر آتا ہے
یہ سوچ کے خوش مت ہوں طوفاں سے نکل آئے
اب ڈوبتی حالت میں ساحل نظر آتا ہے
برباد ہوا ہوں میں خود اپنی وفاؤں سے
کچھ ہاتھ تمہارا بھی شامل نظر آتا ہے

چمن میں رقصِ بہاراں ہے بس خزاں کے لئے
بہار ہوتی ہے پل بھر کو گلستاں کے لئے
میرے قفس کو نشیمن بنا لیا میں نے
وہ خواب توڑ دئے جو تھے آشیاں کے لئے
وہ کہہ رہے ہیں ابھی آ کے میری میت پر
یہ آنکھ بند ہے بس میرے امتحان کے لئے
ہمیشہ زخم تمنا ہی میرا ہے موضوع
مواد کچھ نہ ملا زیبِ داستاں کے لئے
تیرا یہ ذوق سخن بھی عجیب ہے سیدؔ
ہنسی مذاق ہے یارانِ نکتہ داں کے لئے

درد مایوسی تڑپ اور ہیں محشر کتنے
میری آنکھوں نے یہاں دیکھے ہیں منظر کتنے
آج مجرم کو میسر ہے جہاں کی ہر چیز
اور معصوموں کے مسمار ہوئے گھر کتنے
آج مفلس کو میسر نہیں تن پر کپڑے
مقبروں پر وہ چڑھاتے رہے چادر کتنے
آج انسانوں کو رہنے کا ٹھکانہ نہ ملا
کتے بلی کے لئے گھر ہیں میسر کتنے
اپنی طاقت پہ کبھی یوں ہی نہ اترا اے دوست
مل گئے خاک میں ذی جاہ تو سکندر کتنے
شیخ نے طعنہ دیا تجھ کو یہ کہہ کر سیدؔ
ہم نے دیکھے ہیں ترے جیسے سخنور کتنے

جب آہ نکلی دل سے تو اشعار بن گئے
غم کو گلے لگایا تو فنکار بن گئے
یہ کیا ستم ظریفی ہے کیسا یہ ظلم ہے
کر کے وفا ، سزا کے ہم حقدار بن گئے
کوئی بھی مفلسی میں ہمارا نہ بن سکا
حالات جب بدل گئے سب یار بن گئے
ان کو نہ تھا پتہ کہ وہ کتنے حسین ہیں
تعریف سن کہ آج وہ ہشیار بن گئے
یہ کیا ہوا کہ ہر کوئی ناخوش ہے ہم سے آج
حق بات بولتے ہی گنہ گار ہو گئے
ذوق سخن نے کیا سے کیا ہم کو بنا دیا
ہم شاعری سے محرمِ اسرار بن گئے
جب تھے شریف گوشۂ عزلت ہی میں رہے
مجرم بنے تو سرخئی اخبار بن گئے

حسرت سے مجھ کو دیدہ تر دیکھتا ہے کیا
ٹوٹا ہوا مکان ہے گھر دیکھتا ہے کیا؟
تیری دعاؤں میں نہیں جب درد اور تڑپ
اپنی دعاؤں کا تو اثر دیکھتا ہے کیا
اِس راستے سے اُس کے گزرنے کی کیا اُمید
بے وجہ پھر یہ راہ گزر دیکھتا ہے کیا
تیرا یہ ظلم تجھ پہ بھی ٹوٹے گا ایک دن
نیزے پہ اب اُٹھا کے یہ سر دیکھتا ہے کیا
جنگ و جدل کی خبریں ہی ملتی ہیں آج کل
اخبار کو اُٹھا کے خبر دیکھتا ہے کیا

نظروں سے اپنی مجھ کو گرایا تھا کس لئے
میری طرف اُٹھا کے نظر دیکھتا ہے کیا
انساں کے ہاتھ ہی سے ہے انسانیت تباہ
حیرت سے پھر زوالِ بشر دیکھتا ہے کیا
میں ٹوٹ کر بھی آج ہوں دنیا میں سر بلند
چہرے پہ میرے آج تو ڈر دیکھتا ہے کیا؟
ہوں حوصلے بلند تو منزل قریب ہے
طوفان سے گزر جا بھنور دیکھتا ہے کیا
ڈر کس کا ہم ہیں اپنے اصولوں پہ کار بند
جب سر کٹانا ٹھہرا تو سر دیکھتا ہے کیا

مایوس ہو گئے ہیں یہاں ہر بشر سے ہم
ائے کاش دیکھ پاتے خوشی کو نظر سے ہم
یہ کونسا مقامِ محبت ہے ناصحا
آنکھیں ملا رہے ہیں غمِ زندگی سے ہم
یہ زندگی سفر ہے اور انجام موت ہے
لوگو گذر رہے ہیں کچھ ایسے سفر سے ہم
ہر بار مل کے یونہی بچھڑنا ہے زندگی
شکوہ بھی کرسکے نہ کسی ہمسفر سے ہم
مانگا خدا سے لاکھ تجھے پر نہ مل سکا
محروم ہو گئے ہیں دعا کے اثر سے ہم
تیری تلاش میں تو بھٹکتے رہے سدا
سوبار جا چکے ہیں تیری رہگزر سے ہم
پوچھا نہیں کسی نے ہمیں جیتے جی مگر
مرنے کے بعد نکلے ہیں سج دھج کے گھر سے ہم

٭٭٭
شاعر کی شائع شدہ کتاب کا ایک حصہ، شاعر کی اجازت سے اور تشکر کے ساتھ
ان پیج سے تبدیلی، تدوین اور ای بک کی تشکیل" اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

نغمات سید