نقطۂ نظر
پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر رانا
فیض کی عظمت
فیض نے اپنی شاعری میں فنی تجربوں کے اعجاز سے زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگر کیا اور نئے امکانات کی جستجو مین گہری دلچسپی لی۔ اس کی شاعری میں زندگی کی تمام رعنائیوں کا بھرپور اظہار ملتا ہے وہ چاہتے تھے کہ ان رعنائیوں کو گہنا دینے والے عناصر کو بیخ و بن سے اکھاڑ پھینکنے میں کوئی تامل نہیں کرنا چاہیے۔ ہماری معاشرتی زندگی اور عمرانی مسائل کو فسطائی جبر اور استحصالی عناصر کے مکر کی چالوں سے ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ قسمت سے محروم اور غریب عوام زندہ رہنے ، با وقار زندگی بسر کرنے ، خوشحالی کی نئی منزل کی جانب گامزن ہونے ، زندگی کی چھوٹی چھٹی خوشیاں حاصل کرنے اور اپنے وجود کا جواز اور اثبات مہیا کرنے کت لیے ہاتھ پاؤں مارنے کے میں مصروف رہتے ہیں۔ ان حالات میں استحصالی طبقہ ان کا کام تمام کر کے ان کی امیدوں کی فصل غارت کر دیتا ہے اور یوں مظلوم انسانیت کی تمام محنت اکارت چلی جاتی ہے۔ فیض احمد فیض نے استحصالی طبقے کی قبیح کر دار کو ہمیشہ ہدف تنقید بنایا ہے۔ فیض احمد فیض کا اسلوب اور شاعری میں ان کا لہجہ ان کے منفرد ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
اردو شاعری میں حریت فکر کی ایک درخشاں روایت موجود ہے۔ یہی روایت اردو ادب کے تخلیقی عمل میں اساسی اہمیت کا حامل ہے۔ اردو میں تخلیقی عمل کے دوران میں جرات اظہار کے سوتے اسی روایت سے پھوٹتے ہیں۔ حریت فکر کا علم بلند رکھنا با ضمیر ادیبوں کا وتیرہ رہا ہے۔ فیض احمد فیض نے اسی روایت کو آگے بڑھایا ہے۔
سید محمد جعفر زٹلی (م 1713) نے مغل شہنشاہ فرخ سیر کے فسطائی جبر کو للکارتے ہوئے جرات اظہار کا علم بلند کیا، جس کی پاداش میں انھیں اپنی زندگی سے ہاتھ دھونے پڑے مگر جبر کے سامنے سپر انداز ہونے سے انکار کر دیا۔
فیض احمد فیض نے استحصالی قوتوں اور آمریت کے بتوں کو پاش پاش کرنے کے سلسلے میں اپنی شاعری کو ایک مؤثر قوت کے طور پر استعمال کیا۔ فیض کا دھیما لہجہ قلب و نظر کو مسخر کرنے پر قادر ہے۔ حریت پسندوں اور آزادی کے متوالوں کے لیے ان کی شاعری میں حوصلے اور امید کا پیغام ہے۔ معاشرتی نا انصافیوں کی بھینٹ چڑھنے والے مظلوم طبقے کی حمایت میں انھوں نے آواز بلند کی اور جبر و استبداد کے خلاف بھرپور احتجاج کو مطمح نظر ٹھہرایا۔ ان کی شاعری پاکستان کی سیاسی تاریخ کے نشیب و فراز کا مکمل احاطہ کرتی ہے۔ تلخ حقائق کے احساس و ادراک میں ان کا اسلوب حقیقت پسندانہ انداز کا مظہر ہے۔ ؎
خورشید محشر کی لو
آج کے دن نہ پوچھو، مرے دوستو
کب تمھارے لہو کے دریدہ علم
فرق خورشید محشر پہ ہوں گے رقم
از کراں تا کراں کب تمھارے قدم
لے کے اٹھے گا وہ بحر خوں یم بہ یم
جس میں ڈھل جائے گا آج کے دن کا غم
سارے درد و الم سارے جور و ستم
دور کتنی ہے خورشید محشر کی لو
آج کے دن نہ پوچھو، مرے دوستو
فیض احمد فیض نے اپنی شاعری میں مظلوم طبقے کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ جذبوں کی صداقت،تمثالوں کی تازگی، لفظ کی تخلیقی استعمال اور امیجری کی ندرت فیض کی کلام کی امتیازی اوصاف ہیں۔ تخلیقی اعتبار سے فیض کا کلام حریت اور جرات اظہار کی اعلیٰ مثال ہے۔ ان کا نظام فکر انقلابی تصورات سے مزین، ظلم و استبداد کے خلاف ان کی آواز اور دار کے ایوانوں میں لرزہ برپا کر دیتی۔ قید و بند کی صعوبتیں بھی انھیں حق گوئی سے باز نہ رکھ سکیں۔ اپنے افکار اور جرات اظہار کی بدولت فیض کو بین الاقوامی حیثیت حاصل ہے۔ فیض کو بین الاقوامی اہمیت دلانے کا تمام تر انحصار ان کی شاعری پر ہے۔ ان کی شاعری خلوص، صداقت اور انصاف کا پرچار کرتی ہے۔ ظالمانہ استحصالی و استبدادی نظام کے خلاف ان کے خیالات ہمیشہ فکر و نظر کو مہمیز کرنے کا وسیلہ ثابت ہوں گے۔ فیض کی شاعری ملکی تاریخ کے نشیب و فراز پر محیط ہے۔ ان کا سیاسی اور سماجی مرتبہ جو کچھ بھی ہو مگر ان کی جرات اظہار، بے باکی اور ظلم کے خلاف بھرپور احتجاج پر مبنی ان کی شاعری انھیں اردو ادب میں بلند منصب عطا کرتی ہے۔ فیض کے کلام کی حقیقی اہمیت اور قدر و قیمت کا تعین کر نے کے لیے ان کی شاعری کے ادبی محاسن ہی کافی ہیں۔ وہ حریت فکر کا علم بلند رکھتے ہوئے ظلم کے کریہہ چہرے سے پردہ اٹھاتے ہیں۔ ادبی اعتبار سے فیض کا یہ اسلوب انھیں ممتاز مقام عطا کرتا ہے۔
برطانوی استبداد کا خاتمے کے بعد توقع تھی کہ پاکستان میں سماجی انصاف پر مبنی معاشرہ وجود میں آئے گا لیکن آزادی کے بعد ہمارے ہاں سماجی اصلاح کے لیے کوئی خاطر خواہ کام نہ ہو سکا۔ سیاسی نظام مفلوج کر دیا گیا اور رہی سہی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا۔ فیض نے اس جبر کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جس کے نتیجے میں انھیں گرفتار کر لیا گیا لیکن صعوبتیں بڑھتی گئیں ان کی آواز لہو ترنگ ہوتی گئی۔ (1) فیض نے مظلوموں کی حمایت اور جبر کے خلاف احتجاج کو مطمح نظر ٹھہرایا۔ انھوں نے جو کچھ کہا ڈنکے کی چوٹ پہ کہا۔ پاکستان کے سیاسی اور سماجی حالات کے تناظر میں فیض کی شاعری حوصلے اور امید کی نقیب ہے۔ ان کی شاعری جہد مسلسل اور قوت و حرکت کی پیغامبر ہے اس لحاظ سے دیکھا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ فیض کی شاعری میں دنیا بھر کے مظلوم انسانوں کے ساتھ دلی وابستگی کے جذبات پائے جاتے ہیں۔ بقول احمد ندیم قاسمی :
’’ فیض کو سامراج سے نفرت ہے۔ سرمایہ داری اور جاگیرداری سے نفرت ہے۔ غلامی اور محکومی سے نفرت ہے۔ گنے چنے انسانوں کے ہاتھو ں کروڑوں انسانوں کے سفاکانہ استحصال سے نفرت ہے۔ جبر اور ظلم سے نفرت ہے۔ ‘‘ (2)
فیض نئی آگہی اور نئی حسیت کے شاعر تھے۔ وہ ظلم سے نفرت کرتے ہیں اور مظلوم انسانیت سے محبت کرتے ہیں۔ وہ حق و انصاف کی بالا دستی کے خواہاں ہیں۔ فیض نے سیاسی، سماجی اور معاشرتی مسائل کو اپنے شعری تجربوں کی اساس بنایا ہے۔ ان کے شعری تجربے میں اپنے عہد کے تمام اہم واقعات شامل ہیں جنھیں بیان کر کے انھوں نے حرف صداقت لکھنے کی روایت کو آگے بڑھایا۔ ملی حوادث اور قومی مسائل کے بارے میں فیض جو مجموعی تاثر پیش کرتے ہیں وہ ان کے جرات مندانہ اندازِ فکر کا نقیب ہے وہ کوئی لگی لپٹی نہیں رکھتے۔ جب ملک کو سنگین مسائل کا سامنا ہو اور لب اظہار پر تالے ہوں تو ان لرزہ خیز حالات میں شاعر جو کہ قوم کی دیدہ بینا ہوتا ہے اس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قوم کو فکری رہنمائی فراہم کرے اور حب الوطنی کے جذبات کو مہمیز کر کے قومی بیداری کے سلسلے میں اپنا حقیقی کر دار ادا کرے۔
شعر و ادب کے حوالے سے ادیب کا کیا کر دار ہونا چاہیے اس سلسلے میں فیض احمد فیض نے وضاحت کی ہے :
’’یہ ادیب کا کر دار محدود ہوتا ہے کیونکہ وہ حکومت تو چلا تا نہیں ہے ، وہ تو محض عوام کا ترجمان ہو تا ہے اور عوام کی ذہنی اور جذباتی تر بیت کرتا ہے۔ ‘‘ (1)
فیض نے عالمی سطح پر اپنے انداز فکر کی افادیت کا لوہا منوایا۔ فیض کے تصورات اور نظریہ حیات کی اساس انسانیت سے دلی وابستگی ہے۔ انھوں نے محدود قومیت، فرقہ پرستی اور قسم کی عصبیت کو ہدف تنقید بنایا۔ وہ مذہب کے شیدائی تھے۔ انھوں نے اپنے آبائی گاؤں کالا قادر میں ایک بوسیدہ مسجد کو نئے سرے سے اپنی جیب سے تعمیر کرایا (2) لیکن مذہبی جبر کو ہمیشہ ناپسند کیا۔ اپنے عہد کے پر آشوب ماحول کے بارے میں ان کے اشعار جرات اظہار کی شاندار مثال ہیں۔ وہ ہمیشہ حکومت کے معتوب رہے۔ صدر ایوب کے زمانے میں وہ لاہور آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر تھے۔ قدر ت اللہ شہاب نے اس زمانے کا ایک واقعہ لکھا ہے :
’’جس زمانے میں فیض صاحب لاہور آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر تھے ، جسٹس ایس اے رحمان نے ایک روز مجھ سے فرمایا کہ اگر صدر مملکت اس ادارے کو کسی وقت وزٹ کر لیں تو ممکن ہے اس کے کام میں چند مقامی رکاوٹیں دور ہو جائیں۔ صدر تو بہ خوشی مان گئے لیکن گورنر نواب کالا باغ نے خود آنے سے صاف انکار کر دیا۔ انھیں منانے کی کوشش کرنے میں ان کی خدمت میں حاضر ہوا تو ان کے پاس پنجاب پولیس کا ایک نامی گرامی افسر بیٹھا ہوا تھا،نواب صاحب نے دو ٹوک جواب دے دیا کہ وہ ایسے کنجر خانوں میں جانا پسند نہیں کرتے ،صدر صاحب کو بھی وہاں مت لے جاؤ۔ فیض احمد فیض کے متعلق نا پسندیدگی کا اظہار فرمانے کے بعد انہوں نے اپنے پاس بیٹھے ہوئے پولیس افسر کی طرف اشارہ کیا ’’ فیض کے لیے میں نے یہ السیشن پال رکھا ہے صدر کے دورے کے بعد اسے چھوڑوں گا‘‘ پولیس افسر نے بیٹھے ہی بیٹھے اپنی دم ہلائی اور سینے پر دونوں ہاتھ رکھ کر اپنی غیر مشروط وفاداری کا یقین دلایا۔ میں نے فیض صاحب کو یہ واقعہ سنایا تو وہ اپنے دستور کے مطابق مسکرا کر چپ ہو رہے اور تھوڑے عرصے بعد وہ نہایت خاموشی سے آرٹس کونسل سے رخصت ہو گئے ‘‘(3)
زندگی کی تلخیوں ،ابتلا اور آزمائش کو فیض احمد فیض نے نہایت خندہ پیشانی سے برداشت کیا۔ وہ عزم و ہمت کی چٹان بن کر آلام روزگار کے مسموم بگولوں کے سامنے سینہ سپر ہو جاتے تھے۔ اپنی شاعری میں بھی انھوں نے ہمیشہ اسی طرح کا رویہ اپنانے کی تلقین کی۔ زندگی ان کے نزدیک جوئے شیر و تیشہ و سنگ گراں کے مانند تھی۔ زندگی،اس کے غیر مختتم مسائل اور کڑی آزمائشوں کے بارے میں وہ کبھی حرف شکایت لب پر نہ لائے۔ ان کے مزاج میں ایک منفرد نوعیت کی شان استغنا تھی جو ہر حال میں ساغر کو نگوں رکھنے پر مائل کرتی اور وہ اس پر قانع رہتے تھے۔ ان کے کلام میں ایک جانباز شاعر،ہمدرد انسان،جری تخلیق کار اور حریت فکر کے مجاہد کی ضمیر کی للکار آج بھی قصر شاہی کے بلند و بالا ایوانوں پر لرزہ طاری کر دیتی ہے۔ انھوں نے نہایت سکون اور ضبط و تحمل سے کام لیتے ہوئے نہ صرف جبر کا ہر انداز مسترد کیا بلکہ اس جانب بھی توجہ دلائی کہ جو ظلم پہ لعنت نہیں کرتا وہ آپ لعین ہے اور جو بھی شخص جبر کا منکر نہیں وہ تو خود دین کی آفاقی تعلیمات کا منکر ہے۔ پرورش لوح و قلم کے دوران جو کچھ ان کے دل پر گزرتی وہ رقم کرتے رہے اور کسی صورت میں بھی ظالم و سفاک موذی و مکار استحصالی قوتوں کے فسطائی جبر سے ہراساں نہ ہوئے۔ انسانیت کی عزت و تکریم،انسانی حقوق کی بحالی،معاشرتی انصاف اور سلطانی ء جمہور کے لیے انھوں نے جو گراں قدر خدمات انجام دیں پوری دنیا میں ان کا اعتراف کیا گیا۔ آمریت کے خلاف ان کی بلند آواز نے سلطانی ء جمہور کے لیے جدو جہد کرنے والوں کے دلوں میں ایک ولولہ ء تازہ پیدا کر دیا۔ فیض احمد فیض کی حق گوئی و بے باکی مقتدر حلقوں کو سخت ناگوار گزرتی تھی۔ اس لیے وہ اکثر ریاستی جبر کا نشانہ بنتے مگر ظلم کے سامنے سپر انداز ہونا ان کے مسلک کے خلاف تھا۔ وہ جانتے تھے کہ کسی عظیم مقصد کے حصول کے لیے قربانیاں ناگزیر ہیں۔
فیض احمد فیض کی شاعری میں سیاسی لے نرم لہجے میں بڑی کاٹ کی حامل ہے ؎
آ گئی فصل سکوں چاک گریباں والو
سِل گئے ہونٹ، کوئی زخم سلے نہ سلے
دوستو بزم سجاؤ کہ بہار آئی ہے
کھل گئے زخم، کوئی پھول کھلے یا نہ کھلے (5)
فیض احمد فیض نے سیاسی اور معاشرتی زندگی کے ارتعاشات کے بارے میں نہایت دردمندی اور خلوص کے ساتھ اپنے جذبات کو اشعار کے قالب میں ڈھالا ہے۔ ۵ جنوری ۱۹۶۵ ء کو صدر ایوب کی کامیابی کی خوشی میں کراچی میں جشن فتح یابی کے نام سے ایک بہت بڑا جلوس نکالا گیا۔ صدارتی انتخاب میں ڈھاکہ اور کراچی کے رائے دہندگان نے بھاری اکثریت سے صدر ایوب کے خلاف رائے دہی استعمال کیا۔ جشن فتح یابی کے موقع پر لیاقت آباد اور چند دوسرے علاقوں میں زبردست جھڑپیں ہوئیں۔ رات کی تاریکی میں ان بستیوں پر شدید حملے کیے گئے اس قدر جانی اور مالی نقصان ہو ا ک۱۹۴۷ء کے المناک واقعات کی یاد تازہ ہو گئی۔ فیض احمد فیض نے صدارتی انتخاب اور اس کے بعد رونما ہونے والے واقعات پر غم غصے کا اظہار کر تے ہوئے کہا ؎
لہو کا سراغ
کہیں نہیں ہے کہیں بھی نہیں لہو کا سراغ
نہ دست و ناخن قاتل نہ آستیں پہ نشاں
نہ سرخی لب خنجر نہ رنگ نوک سناں
کہیں نہیں ہے کہیں بھی نہیں لہو کا سراغ
نہ صرف خدمت شاہاں کہ خوں بہا دیتے
نہ دیں کی نذر کہ بیعانہ جزا دیتے
نہ رزم گاہ میں برسا کہ معتبر ہوتا
کسی علم پہ رقم ہو کے مشتہر ہوتا
پکارتا رہا بے آسرا، یتیم لہو
کسی کو بہرِ سماعت نہ وقت تھا نہ دماغ
نہ مدعی، نہ شہادت، حساب پاک ہو ا
یہ خونِ خاک نشیناں تھا، رزق خاک ہوا ) (1 (کراچی : جنوری ۱۹۶۵)
فیض احمد فیض کی شاعری میں مقامیت کے ساتھ ساتھ عالمگیریت بھی موجود ہے۔ فیض نے ملکی حالات، تاریخ، ثقافت اور معاشرت سے گہرے اثرات قبول کیے ہیں اس کے باوجود فیض کی شاعری آفاقیت کی حدود کو چھو لیتی ہے۔ ان کی شاعری اقتضائے وقت کے مطابق ہر عہد میں اذہان کو مستیز کرنے کا وسیلہ ثابت ہو گی۔ ان کی شاعری میں عصری عوامل حریت فکر کے مظہر ہیں ؎
دیدہ تر پہ وہاں کون نظر کرتا ہے
کاسہ چشم میں خوں ناب جگر لے کے چلو
اب اگر جاؤ گے پئے عرض و طلب ان کے حضور
دست و کشکول نہیں کاسہ سر لے کے چلو (1)
فیض احمد فیض کی شعری عظمت کا ثبوت یہ ہے کہ ان کی شاعری نے مشرق کی فضاؤں سے نکل کر مغرب میں بھی مقبولیت حاصل کی۔ انھوں نے ستم رسیدہ انسانو ں کی ہمیشہ ساتھ دیا۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ مسلسل استحصال کا شکار اور سماج کے ستائے ہوئے مجبور افراد جب اپنی نجات کا کوئی ذریعہ نہیں پاتے تو باغیانہ خیالات انھیں دبوچ لیتے ہیں۔
تانیثیت (FEMINISM)
عالمی ادبیات کا مطالعہ کرنے سے یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ ہر عہد میں مفکرین نے وجود زن کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔ رنگ، خوشبو اور حسن و خوبی سے تمام استعارے وجود زن سے منسوب چلے آ رہے ہیں۔ اس طرح اسے عالمی تصور کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ علامہ اقبال نے خواتین کے کر دار کے حوالے سے لکھا ہے ؎
وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ
اسی کے ساز سے ہے زندگی کا سوز دروں
شرف میں بڑھ کے ثریا سے مشت خاک اس کی
کہ ہر شرف ہے ا سی درج کا در مکنوں
مکالمات فلاطوں نہ لکھ سکی لیکن
اسی کے شعلے سے ٹوٹا شرار افلاطوں (1)
خواتین کے لب و لہجے میں تخلیق ادب کی روایت خاصی قدیم ہے۔ ہر زبان کے ادب میں اس کی مثالیں موجود ہیں۔ نوخیز بچے کی پہلی تربیت اور اخلاقیات کا گہوارہ آغوش مادر ہی ہوتی ہے۔ اچھی مائیں قوم کو معیار اور وقار کی رفعت میں ہمدوش ثریا کر دیتی ہیں۔ انہی کے دم سے امیدوں کی فصل ہمیشہ شاداب رہتی ہے۔ یہ دانہ دانہ جمع کر کے خرمن بنانے پر قادر ہیں تاکہ آنے والی نسلیں فروغ گلشن اور صوت ہزار کا موسم دیکھ سکیں۔ صبر و رضا، قناعت اور استغنا ان کا امتیازی وصف ہے۔ لوئیس بوگان نے کہا ہے
Women have no wilderness in them
They are provident instead
Content in the tight hot cell of their hearts
To eat dusty bread (2)
فنون لطیفہ اور ادب کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں خواتین نے اپنی کامرانیوں کا پرچم بلند نہ کیا ہو۔ آج تو زندگی کے ہر شعبے میں خواتین نے اپنی بے پناہ استعداد کار کا لوہا منوایا ہے۔ یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہے کہ خواتین نے فنون لطیفہ اور معاشرے میں ارتباط کے حوالے سے ایک پل کا کر دار ادا کیا۔ فرد کی بے چہرگی اور عدم شناخت نے آج گمبھیر صورت اختیار کر لی ہے۔ ان اعصاب شکن حالات میں بھی خواتین نے اس جانب متوجہ کیا کہ فرد کو اپنی حقیقت سے آشنا ہونا چاہیے۔ مسلسل شکست دل کے باعث مظلوم طبقہ محرومیوں کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے۔ ظالم و سفاک، موذی و مکار استحصالی عناصر کے مکر کی چالوں کے باعث رتیں بے ثمر،کلیاں شرر، زندگیاں پرخطر اور آہیں بے اثر ہو کر رہ گئی ہیں۔ خواتین نے ہر عہد میں جبر کی مزاحمت کی،ہر ظالم پہ لعنت بھیجنا اپنا شعار بنایا اور انتہائی نا مساعد حالات میں بھی حریت ضمیر سے جینے کا راستہ اختیار کیا۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ ہمارا معاشرہ بالعموم مردوں کی بالا دستی کے تصور کو تسلیم کر چکا ہے۔ اس قسم کے ماحول میں جب کہ خواتین کو اپنے وجود کے اثبات اور مسابقت کے لیے انتھک جدو جہد کرنا پڑے ،خواتین کے لیے ترقی کے یکساں مواقع تخیل کی شادابی کے سوا کچھ نہیں۔ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ خواتین کی فکری کاوشیں سفاک ظلمتوں میں ستارۂ سحر کے مانند ہیں۔ انھوں نے کٹھن حالات میں بھی حوصلے اور امید کا دامن تھام کر سوئے منزل رواں دواں رہنے کا جو عہد وفا استوار کیا اسی کو علاج گردش لیل و نہار بھی قرار دیا۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ ہر شعبۂ زندگی میں خواتین بھرپور اور اہم کر دار ادا کر رہی ہیں۔ عالمی ادبیات مطالعہ کرنے سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے کہ سماجی زندگی کے جملہ موضوعات پر خواتین کے اشہب قلم نے جو بے مثال جولانیاں دکھائی ہیں ان کے اعجاز سے طلوع صبح بہاراں کے امکانات روشن تر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔
تانیثیت ایک ایسی مثبت سوچ،مدبرانہ تجزیہ اور دانشورانہ اسلوب کی جانب متوجہ کرتی ہے جس کے اہداف میں خواتین کے لیے معاشرے میں ترقی کے منصفانہ اور یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنانے کا واضح لائحہ عمل متعین کیا گیا ہو۔ ایسے حالات پیدا کیے جائیں کہ خواتین کسی خوف و ہراس کے بغیر کاروان ہستی کے تیز گام قافلے میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا سفر جاری رکھ سکیں۔ روشنی کے اس سفر میں انھیں استحصالی عناصر کے مکر کی چالوں سے خبردار کرنا تانیثیت کا اہم موضوع رہا ہے۔ ایک فلاحی معاشرے میں اس بات کا خیال رکھا جا تا ہے کہ معاشرے کے تمام افراد کو ہر قسم کا معاشرتی تحفظ فراہم کیا جائے کیونکہ ہر فرد کو ملت کے مقدر کے ستارے کی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ تانیثیت نے حق و انصاف کی بالا دستی،حریت فکر،آزادی ء اظہار اور معاشرے کو ہر قسم کے استحصال سے پاک کرنے پر اصرار کیا۔ اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ فکری کجی کے باعث تانیثیت اور جنسیت کو خلط ملط کر دیا جاتا ہے حالانکہ تانیثیت اور جنسیت میں ایک واضح حد فاصل ہے بلکہ یہ کہنا درست ہو گا کہ تانیثیت اپنے مقاصد کے اعتبار سے جنسیت کی ضد ہے۔ تانیثیت کے امتیازی پہلو یہ ہیں کہ اس میں زندگی کی سماجی، ثقافتی، معاشرتی،سیاسی،عمرانی اور ہر قسم کی تخلیقی اقدار و روایات کو صیقل کرنے اور انھیں مثبت انداز میں بروئے کار لانے کی راہ دکھائی جاتی ہے۔ اس میں خواتین کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے فراواں مواقع کی جستجو پر توجہ مرکوز رہتی ہے۔
یورپ میں تانیثیت کا غلغلہ پندرہویں صدی عیسوی میں اٹھا۔ اس میں مد و جزر کی کیفیت سامنے آتی رہی۔ یہ ٹھہرے پانی میں ایک پتھر کے مانند تھی اس کی دوسری لہر 1960میں اٹھی جب کہ تیسری لہر کے گرداب 1980میں دیکھے گئے۔ ان تمام حالات اور لہروں کا یہ موہوم مد و جزر اور جوار بھاٹا جو کچھ اپنے پیچھے چھوڑ گیا اس کا لب لباب یہ ہے کہ خواتین کو اپنی زندگی کے تمام شعبوں میں حریت ضمیر سے جینے کی آزادی ملنی چاہیے۔ تاریخی تناظر میں دیکھا جائے اور ہر قسم کی عصبیت سے گلو خلاصی حاصل کر لی جائے تو یہ بات ایک مسلمہ صداقت کے طور پر سامنے آتی ہے کہ آج سے چودہ سو سال پہلے اسلام نے خواتین کو جس عزت،تکریم اور بلند مقام سے نوازا اس سے پہلے ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ تبلیغ اسلام کے ابتدائی دور سے لے کر خلافت راشدہ کے زمانے تک اسلامی معاشرے میں خواتین کے مقام اور کر دار کا حقیقی
انداز میں تعین کیا جا چکا تھا۔ اس عہد میں مسلم خواتین ہر شعبہ زندگی میں فعال کر دار ادا کر رہی تھیں۔ اسلام نے زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کو یکساں مواقع اور منصفانہ ماحول میں زندگی بسر کرنے کی ضمانت دی۔ آج بھی اگر وہی جذبہ بیدار ہو جائے تو آگ بھی انداز گلستاں پیدا کر سکتی ہے۔
جدید دور میں تانیثیت کے حوالے سے تنقیدی مباحث روز افزوں ہیں۔ آج خواتین تیشہ ء حرف سے فصیل جبر منہدم کرنے کی مقدور بھر سعی کر تی نظر آتی ہیں۔ ایسے تمام تار عنکبوت جو کہ خواتین کی خوشحالی اور ترقی کے افق کو گہنا رہے ہیں انھیں نیست و نابود کرنے کا عزم لیے خواتین اپنے ضمیر کی للکار سے جبر کے ایوانوں پر لرزہ طاری کر دینے کی صلاحیت سے متمتع ہیں۔ ان کا نصب العین یہ ہے کہ انسانیت کی توہین،تذلیل،تضحیک اور بے توقیری کرنے والے اجلاف و ارزال اور سفہا کے کریہہ چہرے سے نقاب اٹھائی جائے اور ایسے ننگ انسانیت وحشیوں کے قبیح کردار سے اہل درد کو آگاہ کیا جائے۔ تانیثیت نے تمام خفاش منش عناصر کو آئینہ دکھا یا ہے اور زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگر کیا ہے۔ تانیثیت کا دائرہ کار تاریخ،علم بشریات، عمرانیات،معاشیات،ادب،فلسفہ،جغرافیہ اور نفسیات جیسے اہم شعبوں تک پھیلا ہوا ہے۔ تانیثیت میں تحلیل نفسی کو کلیدی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ تانیثیت کے مطابق معاشرے میں مرد اور عورت کو برابری کی سطح پر مسائل زیست کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ یہ اپنے وجود کا خود اثبات کرتی ہے۔ تانیثیت نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے جنسی جنون اور ہیجان کی مسموم فضا کا قلع قمع کرنے اور اخلاقی بے راہ روی کو بیخ و بن سے اکھاڑ پھینکنے کے سلسلے میں جو کر دار ادا کیا اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ زندگی کی اقدار عالیہ کے تحفظ اور درخشاں روایات کے قصر عالی شاِن کی بقا کی خاطر تانیثیت نے ایک قابل عمل معیار وضع کیا جو کہ خواتین کو حوصلے ا ور اعتماد سے آگے بڑھنے کا ولولہ عطا کرتا ہے۔ اخلاقی اوصاف کے بیان میں بھی تانیثیت نے گہری دلچسپی لی۔ قدرت کا ملہ نے اِن اوصاف حمیدہ سے خواتین کو نہایت فیاضی سے متمتع کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قدرتی عنایات کا دل نشیں انداز میں بیان بھی اس کا امتیازی وصف ہے۔ ان فنی تجربات کے ذریعے جدید اور متنوع موضوعات سامنے آئے اور نئے امکانات تک رسائی کو یقینی بنانے کی مساعی کا سلسلہ چل نکلا۔
قدرت کے اس وسیع نظام میں جمود اور سکون بہت محال ہے۔ زندگی حرکت اور حرارت سے عبارت ہے۔ کسی بھی عہد میں یکسانیت کو پسند نہیں کیا گیا اس کا سبب یہ ہے کہ یکسانیت سے ایک مشینی سی صورت حال کا گمان گزرتا ہے۔ اس عالم آب و گل میں سلسلہ ء روز و شب ہی کچھ ایسا ہے کہ مرد اور عورت کی مساوی حیثیت کے بارے میں بالعموم تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے تانیثیت نے اس اہم موضوع پر توجہ مرکوز کر کے بلا شبہ اہم خدمت انجام دی۔ تانیثیت پر مبنی نظریے (Feminist Theory)نے خواتین کو مژدۂ جاں فزا سنایا کہ قید حیات اور بند غم سے دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ زندگی تو جوئے شیر،تیشہ اور سنگ گراں کا نام ہے۔ عزت اور وقار کے ساتھ زندہ رہنا،زندگی کی حیات آفریں اقدار کو پروان چڑھانا،خوب سے خوب تر کی جستجو کرنا،ارتقا کی جانب گامزن رہنا،کامرانی اور مسرت کی جستجو کرنا،اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا،حریت فکر اور آزادیِ اظہار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہ کرنا،فن کار کی انا کا بھرم بر قرار رکھنا اور اپنے تخلیقی وجود کا اثبات کرنا ان کا اہم ترین منصب ہے۔ تانیثیت نے افراد،معاشرے ،علوم اور جنس کے حوالے سے ایک موزوں ارتباط کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ ممتاز نقاد ٹیری ایگلٹن (Terry Eagleton)نے لکھا ہے :
"Feminist theory provided that precious link between academia and society as well as between problems of identity and those of political organization ,which was in general harder and harder to come by in an increasingly conservative age."(3)
تانیثیت کو ادبی حلقوں میں ایک نوعیت کی تنقید سے تعبیر کیا جا تا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ خواتین جنھیں معاشرے میں ایک اہم مقام حاصل ہے ان کی خوابیدہ صلاحیتوں کو نکھارا جائے اور انھیں تخلیقی اظہار کے فراواں مواقع فراہم کیے جائیں۔ مغرب میں اسے 1970میں پذیرائی ملی۔ یورپی دانشوروں نے اس کی ترویج و اشاعت میں گہری دلچسپی لی۔ اس طرح رفتہ رفتہ لسانیات اور ادبیات میں تانیثیت کو ایک غالب اور عصری آگہی کے مظہر نظریے کے طور پر علمی اور ادبی حلقوں نے بہت سراہا۔ 1980کے بعد سے تانیثیت پر مبنی تصورات کو وسیع تر تناظر میں دیکھتے ہوئے اس کی سماجی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس طرح ایک ایسا سماجی ڈھانچہ قائم کرنے کی صورت تلاش کی گئی جس میں خواتین کے لیے سازگار فضا میں کام کرنے کے بہترین مواقع دستیاب ہوں۔ تانیثیت کی علم بردار خواتین نے ادب کے وسیلے سے زندگی کی رعنائیوں اور توانائیوں میں اضافہ کرنے کی راہ دکھائی۔ ان کا نصب العین یہ تھا کہ جذبات،تخیلات اور احساسات کو اس طرح الفاظ کے قالب میں ڈھالا جائے کہ اظہار کی پاکیزگی اور اسلوب کی ندرت کے معجز نما اثر سے خواتین کو قوت ارادی سے مالا مال کر دیا جائے اور اس طرح انسانیت کے وقار اور سر بلندی کے اہداف تک رسائی کی صورت پیدا ہو سکے۔ اس عرصے میں تانیثیت کی باز گشت پوری دنیا میں سنائی دینے لگی۔ خاص طور پر فرانس،برطانیہ،شمالی امریکہ ،ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور کینیڈا میں اس پر قابل قدر کام ہوا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ تانیثیت کی شکل میں بولنے اور سننے والوں کے مشترکہ مفادات پر مبنی ایک ایسا ڈسکورس منصہ ء شہود پر آیا جس نے خواتین کے منفرد اسلوب کا اعتراف کیا گیا۔
اکثر کہا جاتا ہے کہ نسائی جذبات میں انانیت نمایاں رہتی ہے مگر یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ ان کے جذبات میں خلوص، ایثار،مروت،محبت اور شگفتگی کا عنصر ہمیشہ غالب رہتا ہے۔ تانیثیت نے انسانی وجود کی ایسی عطر بیزی اور عنبر فشانی کا سراغ لگایا جو کہ عطیہ ء خداوندی ہے۔ اس وسیع و عریض کائنات میں تمام مظاہر فطرت کے عمیق مشاہدے سے یہ امر منکشف ہوتا ہے کہ جس طرح فطرت ہر لمحہ لالے کی حنا بندی میں مصروف عمل ہے اسی طرح خواتین بھی اپنے روز و شب کا دانہ دانہ شمار کرتے وقت بے لوث محبت کو شعار بناتی ہیں۔ خواتین نے تخلیق ادب کے ساتھ جو بے تکلفی برتی ہے اس کی بدولت ادب میں زندگی کی حیات آفریں اقدار کو نمو ملی ہے۔ موضوعات،مواد،اسلوب،لہجہ اور پیرایۂ اظہار کی ندرت اور انفرادیت نے ابلاغ کو یقینی بنا نے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ تانیثیت کا اس امر پر اصرار رہا ہے کہ جذبات،احساسات اور خیالات کا اظہار اس خلوص اور دردمندی سے کیا جائے کہ ان کے دل پر گزرنے والی ہر بات بر محل،فی الفور اور بلا واسطہ انداز میں پیش کر دی جائے۔ اس نوعیت کی لفظی مرقع نگاری کے نمونے سامنے آتے ہیں کہ قاری چشم تصورسے تمام حالات کا مشاہدہ کر لیتا ہے۔ تیسری دنیا کے پس ماندہ،غریب اور وسائل سے محروم ممالک جہاں اب بد قسمتی سے جہالت نے بھی ایک مسلک کی صورت اختیار کر رہی ہے ،وہاں نہ صرف خواتین بلکہ پوری انسانیت پر عرصہ ء حیات تنگ کر دیا جاتا ہے۔ راجہ اندر قماش کے مسخرے خواتین کے در پئے آزار رہتے ہیں۔ ان ہراساں شب و روز میں بھی خواتین نے اگر حوصلے اور امید کی شمع فروزاں رکھی ہے تو یہ بڑے دل گردے کی بات ہے۔ خواتین نے ادب،فنون لطیفہ اور زندگی کے تمام شعبوں میں مردوں کی ہاں میں ہاں ملانے اور ان کی کورانہ تقلید کی مہلک روش کو اپنانے کے بجائے اپنے لیے جو طرز فغاں ایجاد کی بالآخر وہی ان کی طرز ادا ٹھہری۔ جولیا کرسٹیوا ( Julia Kristeva)نے اس کے بارے میں لکھا ہے :
"Truly feminist innovation in all fields requires an understanding of the relation between maternity and feminine creation"(4)
خواتین نے مردوں کی بالا دستی اور غلبے کے ماحول میں بھی حریت فکر کی شمع فروزاں رکھی ا اور جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے آزادیِ اظہار کو اپنا نصب العین ٹھہرایا۔ ان کی ذہانت،نفاست،شائستگی،بے لوث محبت اور نرم و گداز لہجہ ان کے اسلوب کا امتیازی وصف قرار دیا جا سکتا ہے۔ انھیں اپنے آنسو ہنسی کے خوش رنگ دامنوں میں چھپانے کا قرینہ آتا ہے۔ ان کی سدا بہا رشگفتگی کا راز اس تلخ حقیقت میں پوشیدہ ہے کہ معاشرتی زندگی کو ہجوم یاس کی مسموم فضا سے نجات دلائی جائے اور ہر طرف خوشیوں کی فراوانی ہو۔ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ خواتین کی تحریروں میں پائی جانے والی زیر لب مسکراہٹ ان کے ضبط کے آنسوؤں کی ایک صورت ہے ان کا زندگی کے تضادات اور بے اعتدالیوں پر ہنسنا اس مقصد کی خاطر ہے کہ کہیں عام لوگ حالات سے دل برداشتہ ہو کر تیر ستم سہتے سہتے رونے نہ لگ جائیں۔ تانیثیت نے خواتین کے مزاج،مستحکم،شخصیت اور قدرتی حسن و خوبی کی لفظی مرقع نگاری پر توجہ دی۔ قدرت کاملہ نے خواتین کو جن اوصاف حمیدہ،حسن و خوبی اور دلکشی سے نوازا ہے اس کا بر ملا اظہار ان کی تحریروں میں ہونا چاہیے۔ ان کی تحریریں ایسی دلکش ہوں کی ان کی اثر آفرینی کا کرشمہ دامن دل کھینچے۔ جمالیاتی احساس اور نزاکت بیان کے ساتھ جذبوں کی تمازت،خلوص کی شدت،بے لوث محبت،پیمان وفا کی حقیقت اور اصلیت اور لہجے کی ندرت سے یہ صاف معلوم ہو کہ اس تحریر کے سوتے حسن فطرت سے پھوٹتے ہیں۔ ہیلن سکسوس( Helen Cixous)نے خواتین کے جسمانی حسن،جنس،جذبات اور احساسات کے اظہار کے حوالے سے لکھا ہے :
"Write yourself ,your body must be heard " (5)
اردو شاعری میں تاریخ اسلام کے عہد زریں کو خواتین نے ہر عہد میں لائق تقلید قرار دیا۔ تانیثیت کا مطالعہ کرتے وقت موضوعات کا یہ درخشاں پہلو اور عظیم شخصیات کی ابد آشنا سیرت کا بیان اسلوب کو زر نگار بنا دیتا ہے۔ تاریخ اسلام کی متعدد اہم خواتین کا تبلیغ اسلام میں ایثار پر مبنی تاریخی کر دار مسلمہ ہے۔ خواتین تخلیق کاروں نے اس جانب بھر پور توجہ دی ہے۔ حمید ہ معین رضوی نے اپنی نظم ’’ام ایمن‘‘ میں حضور ختم المرسلینﷺ کی والدہ کی دیرینہ خادمہ کو نہایت عقیدت سے یاد کیا ہے۔ یہی وہ عظیم خاتون ہے جس نے حضرت آمنہ کی وفات کے بعد حضور ﷺ کو اپنی گود میں لیا۔ اس موضوع پر یہ عمدہ نظم ہر اعتبار سے تانیثیت کا ایک مؤقر اور معتبر حوالہ ہے۔
امِ ایمن
کہا ہے رب،ِ حکیم نے یہ
میں خود ہی کرتا ہوں منتخب۔ ۔ ۔ ۔ اپنی پیاری محبوب ہستیوں کو
کسی بھی مذہب کی ہوں وہ حامل۔ پھر ان کو خود بخشتا وسیلہ ہوں نور اماں کا
وہ سب ہی کیسے۔ نصیب والے ہیں لوگ ایسے
ازل سے لے کر ابد کی حد تک
ہزاروں محبوب ہستیاں تھیں گزر گئیں جو،
نہیں کوئی امّ ایمن ایسا۔ کہ رنگ جس کا تھا رنگ اسود ّمگر تھی روح اِن کی نور پر نور۔
وہ فردِ واحد وہ ہستی واحد۔ کہ جس نے سلطانِ دوجہاں
کو اٹھایا بانہوں میں۔ سب سے پہلے۔ ۔ ۔ کسی بشر کو۔ کسی ملک کو، نہیں یہ عزت عطا ہوئی ہے
نہیں تھا رشتہ کوئی بھی خون کا،مگر دیا پیار اس نے ماں کا،
انھیں نے آغوش میں رسولِ خدا کو پالا
وہ شاہِ کونیں پہ تھی قرباں
تھی سابقون الاولین دین میں
ہو دشت و صحرا،سفر حضر ہو معاشرت ہو معاونت ہو
ہو کار زاروں کی لالہ زاری
شہادتوں کی ہو آہ و زاری
خدا کے محبوب کی وہ شیدا۔
کہ جس کی الفت ہوئی ہویدا۔
رسولِ اقدس ْﷺ نے دی بشارت ،لکھی ہے قسمت میں اس کی جنت۔
وہی تھیں موجود وقتِ آخر بھی، جب شہنشاہ نے آخرت کا سفر تھا باندھا
انھیں نے ماں جیسا احترام آخرش ہے پایا،رسول اکرم ﷺ یہ کہتے اکثر
,, مجھے جنم دینے والی ماں اگرچہ تھی رنگِ ابیض، مگر مجھے پالنے میں محبت لٹانے والی۔ ۔ ۔ برنگِ اسود ہے ماں یہ میری
مجھے جو جی جان سے ہے پیاری، قریب اس سے نہیں ہے کوئی،۔ عزیز اس سے نہیں ہے کوئی ،،۔
د رود اس پر سلام اس پر وہ جس کی ماں تھی۔ جو رکھتی تھی نفسِ مطمئنہ۔ وہ امِ ایمن نبی کی پیاری۔ وہ راضی اﷲ سے۔ ۔
ہے ا ﷲ اس سے راضی
تانیثیت کے حوالے سے یہ بات ذہن میں آتی ہے کہ نسائی لب و لہجہ ہمیشہ سے انفرادیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ خواتین بولیں تو باتوں سے پھول جھڑتے ہیں۔ ان کی دلچسپیاں ،وابستگیاں اور رعنائیاں ان کی تحریر کو ندرت اور تنوع عطا کرتی ہیں۔ عالیہ تقوی کی نظم ’’ تاج محل ‘‘ جہاں نسائی جذبوں کا بر ملا اظہار ہے وہاں اس میں عصری آگہی کا عنصر بھی قابل توجہ ہے۔ نئے دور میں دو پیار کرنے والے کس انداز میں سوچتے ہیں اور ان کے عہد و پیمان اور تحفظات کیا ہیں ملاحظہ فرمائیں :
تاج محل
اپنی بیگم کی یاد میں جیسا
اک شہنشاہ نے بنایا تھا
میرے مرنے کے بعد میرے لیے
کیا بناؤ گے ایسا تاج محل
سنتے ہیں پورے بیس سال لگے
تب کہیں جا کے تاج بن پایا
میں تو تیرے بغیر دنیا میں
ایک لمحہ بھی جی نہیں سکتا
یہ بتا تیرے بعد تیرے لیے
پھر بناؤں گا کیسے تاج محل
آخری عہد مغلیہ میں جب پورا معاشرتی ڈھانچہ لرزہ بر اندام تھا تو ان لرزہ خیز حالات میں اخلاقی اقدار کو شدید ضعف پہنچا بد نیتی،بد دیانتی،بے غیرتی اور بے ضمیری کا عفریت ہر طرف منڈلا رہا تھا۔ اس عہد میں ریختی کا وجود میں آنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ پورا معاشرہ بے حسی کا شکار ہو گیا تھا۔ مرد شعرا نے نسائی لب و لہجے میں شاعری کی اور اس سے تلذذ کی صورتیں تلاش کیں۔ ریختی اور تانیثیت میں بعد المشرقین ہے۔ تانیثیت کا مقصد حسن کو الفاظ کے قالب میں ڈھالنا تھا۔ اس کے بر عکس ریختی ابتذال کی ایک بھونڈی شکل ہے۔ ریختی تخلیق کار کے ذہنی انتشار کی عکاسی کرتی ہے جب کہ تانیثیت حسن کے اعجاز سے جہان معانی کی تخلیق کے ذریعے جذبات کے مد و جزر کو حقیقی انداز میں پیرایۂ اظہار عطا کرنے کے امکانات سامنے لاتی ہے۔ تانیثیت کا انداز دل ربائی در اصل حسن کی ایسی کرشمہ سازی ہے جو قاری کو ورطۂ حیرت میں ڈال کر اس کے استحسان پر مائل کرتی ہے اور خون بن کر رگ سنگ میں اترنے کی صلاحیت عطا کرتی ہے۔ تانیثیت نے تنہائی اور اجنبیت کی مسموم فضا سے نکلنے کی مقدور بھر سعی کی۔ مسلسل شکست دل کے باعث مظلوم اور دکھی انسانیت کی آواز ایک نیم بسمل کے کرا ہتے ہوئے درد انگیز نالے کے روپ میں سنائی دیتی ہے۔ تانیثیت نے فرد کو ذہنی اور روحانی تنہائی کے عقوبت خانے سے باہر نکال کر گلزار ہست و بود کو بار بار دیکھنے پر آمادہ کیا۔ اس طرح یہ ایک مانوس لہجہ ثابت ہوا جس کی تاثیر سے خزاں میں بھی بہار کے خنک جھونکے دلوں کو راحت عطا کرتے ہیں۔ تانیثیت میں پنہاں جمالیاتی کیفیات کا نظارہ دیدۂ بینا کے لیے حوصلے ،امید اور ولولہ ء تازہ کا نقیب ثابت ہوتا ہے۔ صوفیہ تاج کی ایک نظم ملاحظہ فرمائیں :
بات بن آئے
وہ اڑنا چاہتی ہے
اور فضا کی بے کراں وسعت میں
نیلے آسماں کی چھت کے نیچے
فاصلوں کو اپنی نگاہ میں سمیٹے
خود کو اپنے پنکھ سے آگے نکل جانے پہ آمادہ کیے
تیار رہنا چاہتی ہے
مگر موسم نے اپنے روپ بدلے ہیں
کہ اب جن حوصلوں کی آزمائش ہے
وہی ہر لمحہ اس پر ضرب کاری سے
مسلسل
نارسائی کا کھلا پیغام دیتے ہیں
کہیں اے کاش ایسا معجزہ ہو جائے
کوئی تند جھونکا
اس کے زخموں کی مسیحائی کرے
اور از سر نو
خواب سے وہ اپنا رشتہ جوڑ ڈالے
بات بن آئے
تانیثیت کے علم برداروں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کو منصۂ شہود پر لانے کے لیے اپنے ذاتی تجربات،مشاہدات اور احساسات کو اساس بنایا۔ ان کے خیالات عصری آگہی کا بلند ترین معیار پیش کرتے ہیں۔ یہ کوئی ہوا میں گرہ لگانے والی صورت ہر گز نہ تھی بلکہ اس اسلوب سے افکار تازہ کے ایک غیر مختتم سلسلے کا آغاز ہوا۔ اس کی باز گشت دنیا بھر میں سنائی دی۔ تانیثیت کے حوالے سے خواتین میں تخلیقی فعالیت کا جو شعور پیدا ہوا اس کی بدولت زندگی کی حقیقی معنویت کی تفہیم میں مدد ملی۔ آج ہم دیکھتے ہیں کہ تہذیبی اور ثقافتی سطح پر یہ ادعا سامنے آتا ہے کہ اقوام عالم اکملیت کی سمت رواں دواں ہیں مگر سچ یہ ہے کہ ہوس زر نے نوع انساں کو ایک ایسے انتشار اور پراگندگی کی بھینٹ چڑھا دیا ہے جس نے زندگی کی درخشاں اقدار و روایات کو گہنا دیا ہے۔ حساس تخلیق کار خود کو جزیرۂ جہلا میں محبوس پاتے ہیں۔ چاروں جانب مہیب بحر ذخار ہے جس کی ہر موج میں حلقۂ صد کام نہنگ ہے۔ ایسے میں نہ تو کوئی امید بر آتی ہے اور نہ ہی اصلاح احوال کی کوئی صورت دکھائی دیتی ہے۔
آج کا اردو ادب جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہو نے کی مقدور بھر کوشش کر رہا ہے۔ خواتین کی کثیر تعداد پرورش لوح قلم میں مصروف ہے۔ خواتین نے حیاتیاتی امور پر بھرپور توجہ دی ہے۔ اس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ عالمی ادبیات کے تیزی سے بدلتے ہوئے رجحانات پر خواتین کی گہری نظر ہے۔ آلام روزگار کے مہیب بگولوں کی زد میں رہنے کے باوجود خواتین نے اپنا وجود برقرار رکھا ہے۔ ہوائے جور و ستم میں بھی انھوں نے رخ وفا کو بجھنے نہیں دیا۔ تاریخ کا مسلسل عمل یہ ثابت کرتا ہے کہ خواتین نے سعی پیہم کے ذریعے اپنے کام کی اہمیت اور افادیت کو ثابت کیا ہے اور پتھروں سے بھی اپنی فعالیت کی تاثیر کا لوہا منوایا ہے۔ موضوعاتی تنوع ان کی تحریروں کا امتیازی وصف ہے۔ تاریخ، معیشت، جغرافیہ، مذہب، تہذیب اور معاشرت کا کوئی بھی شعبہ ان کی دسترس سے باہر نہیں۔ بعض اوقات مواد اور خیالات کی فراہمی کے لیے وہ کلاسیکیت سے استفادہ کرتی ہیں تو بعض اوقات انھیں رومانویت میں دلچسپی محسوس ہوتی ہے۔ جدیدیت،مابعد جدیدیت،ساختیات اور پس ساختیات کے مباحث کا پرتو بھی ان کی تحریرو ں میں ملتا ہے۔ کہیں تو یہ مارکسزم سے خیالات اخذ کرتی ہیں اور کہیں جدید نفسیات کا معتبر حوالہ بن کر سامنے آتی ہیں۔ غر ض ایک دھنک رنگ منظر نامہ ان کی تخلیقی فعالیت میں اپنی پوری ضیا پاشیوں سمیت نگاہوں کو خیرہ کر رہا ہے۔ تانیثیت کی اس صد رنگی،ہمہ گیری،دل کشی اور موضوعاتی تنوع کے متعلق گائتری چکر اور تی سپی واک ( Gyatri Chakaravorty Spivak ) نے لکھا ہے :
Feminism lives in the master -text as well as in the pores. It is not determinant of the last instance. I think less easily of changing the world, than in the past." (6)
خواتین کے اسلوب میں حق گوئی،بے باکی اور حریت فکر کی جو منفرد اور دلکش صورت موجود ہے وہ تخلیقی عمل کو ایک شان استغنا سے متعارف کراتی ہے۔ متعدد تخلیق کاروں نے تانیثیت کے زیر اثر نہایت زور سے اپنی آواز اٹھائی ہے مثال کے طور پر عصمت چغتائی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ ان کے افسانے لحاف میں ایک کر دار بیگم جان کی حرکت اس کے ناآسودہ جذبات اور ابنارملٹی کا پتا دیتی ہے بلکہ ان تمام حسرتوں کا اندازہ بھی ہوتا ہے جو بیگم جان کے شوہر کے ابنارمل ہونے کے باعث دل میں خون ہو گئیں۔
تانیثیت کا ڈسکورس ہمیشہ سے متنوع رہا ہے۔ ہمارا معاشرہ بے حسی کا شکار ہے اجلاف و ارزال اور سفہا نے مجبوروں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ علاقائی، لسانی اور نسلی امتیازات نے انسانیت کو انتشار کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ فرائڈ نے عورت کے جذبات کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عورت کو محض جنس تک محدود سمجھنا صحیح انداز فکر نہیں ہے۔
خواتین نے انسانیت کی فلاح اور انسانی حقوق کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے ، انسانیت پر کوہ غم توڑنے والوں کو وہ نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہیں ، ان کا پیغام دکھی انسانیت سے خلوص اور دردمندی پر مبنی بے لوث محبت ہے۔ ان کا خیال ہے کہ محروم طبقے سے عہد وفا استوار رکھنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ہر فرعون، نمرود، ہلاکو خان اور شمر کے خلاف انھوں نے نوک قلم سے جہاد کیا ہے۔ آئین اور ملک کو پامال کرنے والے جنرل ضیا الحق نے کہا تھا :
’’سیاست دانوں کا کیا ہے ، جب بھی بلاؤں وہ دم ہلاتے میری طرف دوڑتے آئیں گے۔ رہا دستور تویہ محض بارہ صفحات کا کتابچہ ہے۔ جب چاہوں اسے چاک کر کے پھینک سکتا ہوں۔ ‘‘ (7)
’’اسی جر نیل نے فرقہ واریت کو ہوا دی اور ملا ازم کو فروغ دیا۔ ‘‘ (8)
محترمہ عذرا اصغر نے اسی آمر اور مطلق العنان حکمران کے مظالم کو موضوع بناتے ہوئے لکھا ہے :
’’علم کی روشنی سے منور دماغ انسان آج بھی صدیوں پہلے کے مظالم اور جاہلانہ رویہ کا حامل انسان ہے وہی بربریت، ویسی ہی سفاکی، ایک طرف وہ کائنات فتح کر رہا ہے ، چاند ستاروں پر بستیاں بسانے کے جتن کر رہا ہے اور دوسری طرف یہی انسان مذہبی منافرت، نظریاتی مناقشہ اور ظلم و جور کے مظاہر کرتا ہے۔ انسان پر ظلم کا یہ حق اسے کس نے دیا اور پاکستان کا وہ حکمران جو پنج و قتی نمازی تھا اور ہر لمحہ اسلام کا نام لیتا تھا مگر جس نے دسکر دو کے ایک مخصوص عقائد رکھنے والے لوگو ں میں پھوٹ ڈالنے اور ان کے مسلک میں انتشار پیدا کرنے کی غرض سے ان کو طالبان سے بھڑایا تھا۔ ‘‘(9)
پروین شاکر نے اسی عہد ستم کے لرزہ خیز مظالم کے حوالے سے اپنے کرب کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا:
چھاؤں بیچ آئے اگر نفس سے مجبور ہوئے
وہ جو تقسیم ثمر پر یہاں مامور ہوئے
شعبۂ رزق خدا نے جو رکھا اپنے پاس
نائب اللہ بہت بد دل و رنجور ہوئے
وہی شداد، وہی جنت خاشاک نہاد
ویسے ہی عظمت یک لحظہ پہ مغرور ہوئے
وہ رعونت ہے کہ لگتا ہے ازل سے یوں ہی
نشۂ مسند شاہانہ سے مخمور ہوئے (10)
تانیثیت کا بنظر غائر مطالعہ کرنے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ خواتین کی تحریروں میں ظلم و جبر کی ہر صورت کو نفرت کی نگاہ سے دیکھنے پر توجہ رہی ہے۔ ظالم کہیں بھی ہو اور کسی بھی مقام پر ہو اس پر لعنت بھیجنا خواتین کا مطمح نظر رہا ہے۔ ظلم سہنا اور اس کے خلاف آواز بلند نہ کرنا منافقت کی دلیل ہے۔ سچی بات تو یہ کہ جو ظلم و استبداد پر لعنت نہیں کرتا وہ بجائے خود لعین ہے۔ پروین شاکر نے کہا تھا۔ ؎
مقتل وقت میں خاموش گواہی کی طرح
دل بھی کام آیا ہے گم نام سپاہی کی طرح
ظلم سہنا بھی ہو ا ظلم ہی اک حد کے بعد
خامشی بھی تو ہوئی پشت پناہی کی طرح
کلہم ایک دیا اور ہوا کی اقلیم
پھیلتی جائے مقدر کی سیاہی کی طرح(11)
جہاں تک فرائڈ اور مارکس کے انداز فکر کا تعلق ہے ان دونوں کے مابین کافی ابہام پایا جاتا ہے۔ ان دانشوروں نے تانیثیت کو محض جنس کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ خواتین نے ہمیشہ اپنی عزت و ناموس کو اپنی متاع بے بہا سمجھا ہے۔ فسطائی جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے تانیثیت کی علم بردار خواتین نے غیر منصفانہ اور استحصالی نظام کو بیخ و بن سے اکھاڑ پھینکنے میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک واضح لائحہ عمل متعین کر دیا۔ خواتین تخلیق کاروں نے پرورش لوح و قلم کرتے ہوئے اس امر کو ہمیشہ ملحوظ رکھا کہ زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگر کرنے میں کوئی کوتاہی سر زد نہ ہو۔ تانیثیت کے جواز اور اثبات کے بارے میں دو رائیں نہیں ہو سکتیں۔ ممتاز نقاد جولیٹ مچل ( Juliet Michel )نے اپنی رائے دیتے ہوئے لکھا ہے :
"I do not think that we can live as human subjects without in some sense taking on a history, for us it is mainly the history of being men or women under bourgeois capitalism. In deconstructing that history we can only construct other histories ,what are we in process of becoming.(12)
ماضی میں معاشرتی ڈھانچہ جو بھی رہا ہو اور اس کے تجربات نے جو بھی گل کھلایا ہو اب اس کی تکرار بے سود ہے۔ اس نظام کہنہ کی حیثیت گرتی ہوئی عمارت کی ہے۔ اس کے سائے میں عافیت سے بیٹھنے کا خواب دیکھنے والے اپنے موہوم تخیل کی شادابی سے خود فریبی کا شکار ہیں۔ تاریخ کا ایک مسلسل عمل ہوتا ہے جس کے بارے میں آگہی ضروری ہے۔ اردو ادب میں تانیثیت کے موضوع پر متعدد تخلیق کاروں نے طوفان حوادث میں بھی اپنے افکار کی شمع فروزاں رکھی۔ قرۃ العین حیدر کے اسلوب میں تانیثیت ایک منفرد انداز میں ضو فشاں ہے۔ ان کی تحریروں کا ڈسکورس انسانیت سے قلبی لگاؤ،غریب،بے سہارا،مظلوم اور بے بس انسانوں کے دکھ درد میں شرکت اور ظلم سے شدید نفرت کا عنصر قابل قدر ہے۔ وہ اس جانب متوجہ کرتی ہیں کہ وقت کی مثال ایک سیل رواں کی ہے جس کی مہیب متلاطم موجیں سرعت سے گزر کر سب کچھ بہا کر لے جاتی ہیں۔ کوئی بھی شخص کتنی شدید تمنا کرے گزرے ہوئے وقت کے اس سیل رواں کے لمس سے دوبارہ فیض یاب نہیں ہو سکتا۔ کائناتی وسعت اور سیل زماں کے متعلق ان کی تحریروں میں جو انداز فکر جلوہ گر ہے وہ حرف صداقت کی عمدہ مثال ہے۔ دریا کی موجیں ،ندی کا بہاؤ یہ سب وقت کی اصلیت کی علامت ہیں۔ یہ تمام علامتیں ایک ایسے نفسیاتی کل کی نشان دہی کرتی ہیں جس سے لا شعور کی توانائی متشکل ہو کر فکر و نظر پر انمٹ نقوش مرتب کرتی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ کاروان ہستی بھی رواں دواں ہے۔ وقت کی اس برق رفتاری میں کئی رشتے ناتے ،شناخت اور یادیں تاریخ کے طوماروں میں دب جاتی ہیں۔ اس کائنات کے تمام مظاہر بتان وہم و گماں ہیں۔ قرۃ العین حیدر کو اس بات کا دکھ ہے کہ سلسلہ ء روز و شب جو کہ نقش گر حادثات ہے اس کی اصلیت کو بالعموم نظر انداز کر دیا جاتا ہے اور ہوس کی وجہ سے انسان اپنے ہی ابنائے جنس کے خون کا پیاسا ہے۔ اپنے ناول ’’ آخر شب کے ہم سفر ‘‘جو کہ1986میں شائع ہو اس میں انھوں نے بے لاگ انداز میں تانیثیت پر مبنی اپنے اسلوب پر روشنی ڈالی ہے۔
ان کی تحریر قاری کو جھنجھوڑتی ہے اور ایک خونچکاں استغاثہ کرتی ہے :
’’ جانتی ہو ناصرہ آپا ایمرسن نے کہا ہے کہ جنگ میں دلچسپی کچے اور Immature ذہن کی علامت ہے۔ ایک آدمی کے قتل کی سزا پھانسی ہے ،مگر ہزاروں ،لاکھوں قتل کر دئیے جاتے ہیں۔ ان کے قاتل قومی ہیرو،جانباز سپاہی اور مادر وطن کے سپوت کہلاتے ہیں۔ پھر ایک اجتماعی قتل کو جائز قرار دینے کے لیے ایک اور اجتماعی قتل کیا جاتا ہے۔ ‘‘
تانیثیت سے متاثر ہو کر لکھنے والی تخلیق کار خواتین نے تخلیق ادب کو وسیع تر تناظر میں پیش کیا۔ ان کا مقصد محض تخلیق ادب تک محدود نہ تھا بلکہ ان کی شدید خواہش یہ رہی کہ تخلیق ادب کے وسیلے سے خرد کی گتھیاں اس طرح سلجھائی جائیں کہ نئے حقائق کی گرہ کشا ئی ہو سکے۔ اس طرح تخلیق فن کے اعجاز سے جہان تازہ تک رسائی کو یقینی بنایا گیا۔ تانیثیت نے اس جانب متوجہ کیا کہ انسان کو یہ جان لینا چاہیئے کہ رخش عمر پیہم رو میں ہے اور نہ تو اس کا ہاتھ باگ پر ہے اور نہ ہی پاؤں رکاب میں ہے۔ وقت تیزی سے گزر جاتا ہے کسی کا انتظار کرنا وقت کی سرشت نہیں۔ سیل زماں کے ایک تھپیڑے کی دیر ہے اس کے بعد تخت و کلاہ و تاج کے سب سلسلے صفحۂ ہستی سے حرف غلط کے مانند مٹ جائیں گے۔ وقت کی یہ بوالعجبی کوٍن سمجھ سکا ہے کہ وہ سلاطین جن کی ہیبت کا ڈنکا بجتا تھا اب ان کا نام و نشاں تک باقی نہیں۔ بہتات کی حرص انسان کو غفلت میں رکھتی ہے یہاں تک کہ وہ منوں مٹی کے نیچے حشر تک کے لیے دفن ہو جاتا ہے اور اس کا بدن ملخ و مور کے جبڑوں کی نذر ہو جاتا ہے۔ تانیثیت نے وقت کی حقیقی قدرو قیمت کے تعین میں منفرد انداز اپنایا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ زندگی اور اس کی مقتضیات کی مثبت انداز میں تفہیم ہو سکے۔ قر ۃ العین حیدر نے وقت ا ور اس کے تیزی سے بدلتے ہوئے تقاضوں کا اس طرح ذکر کیا ہے :
’’ وقت کا سب سے بڑا کمینہ پن یہ ہے کہ ہم ابھی اس چیز کے لیے تیار نہیں ہو پاتے کہ ہم کو معلوم ہوتا ہے کہ ہمارا زمانہ نکل چکا‘‘
تانیثیت کے زیر اثر خواتین نے اپنی تخلیقی تحریروں کو اس مہارت سے پیش کیا کہ ان کی شخصیت ان کے اسلوب کے ذریعے نکھر کر سامنے آ گئی۔ خواتین کی تخلیقی تحریروں کے موضوعات ان کی انفرادیت کو دلکش انداز میں سامنے لاتے ہیں۔ انھوں نے ادب اور زندگی کے مابین ایک واضح تعلق کو برقرار رکھتے ہوئے اس بات کو صراحت کے ساتھ بیان کیا کہ اپنی اصلیت کے لحاظ سے زندگی کو حادث طاقتوں کے باہمی عمل اور رد عمل کی ایک انوکھی اور ناقابل فہم صورت خیال کیا جاتا ہے۔ خواتین نے ایک ایسے تہذیبی رویے کو پروان چڑھانے کے لیے انتھک جدوجہد کی جس کا تعلق نسل انسانیت کی بقا،استحکام اور دوام سے ہے یہ تحریریں صداقت نگاری،حقیقت نگاری اور فطرت نگاری کا دلکش نمونہ ہیں۔ ان میں تہذیبی اور ثقافتی رویے پوری آب و تاب کے ساتھ سمٹ آئے ہیں۔ تاریخ،تہذیب اور ارضی و ثقافتی حوالوں کا یہ وقیع اور حقیقی شعور ان تخلیقات کا نمایاں ترین وصف ہے۔ تانیثیت کا تجزیاتی مطالعہ کرتے وقت تخلیق کار خواتین کے جان دار اسلوب کی تاثیر مسلمہ ہے۔ ان کی ذات اور مزاج کے تمام تر پہلو قاری کو اپنی جانب متوجہ کر تے ہیں۔ ورجینیا وولف ( Virginia Woolf )کا خیال ہے :
"A woman's writing is always feminine ,it can not help being feminine ; at its best it is most famine the only difficulty lies in defining what we mean by feminine"(13)
تانیثیت کے اثرات کی حامل وہ تمام تخلیقی تحریریں حرف صداقت سے مزین ہو کر ابلاغ کو یقینی بناتی ہیں۔ اس طرح خواتین نے ایک ایسی ذہنی فضا تیار کی جس میں حریت ضمیر سے زندگی بسر کرنے کی منفرد صورت سامنے آئی اور ایک ایسی دلکش تبدیلی رونما ہوئی جس کے اعجاز سے سر اٹھا کر چلنے کا حوصلہ پیدا ہوا۔ یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ مستحکم شخصیت کے سوتے انسانی کر دار سے پھوٹتے ہیں۔ خواتین نے ہر دور میں تعمیر سیرت و کر دار کو اپنا نصب العین بنایا۔ اپنے مافی اضمیر کے اظہار میں انھوں نے تذبذب اور گو مگو کی کیفیت سے نجات حاصل کر لی اور ایک والہانہ پن سے تخلیق فن کی طرف مائل ہوئیں۔ اگرچہ خواتین کا تخلیقی اسلوب تنوع اور دلکشی کی وجہ سے قاری کو متوجہ کرتا ہے لیکن بعض اوقات اسے مردوں کی تخلیقات سے الگ کر کے دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ کچھ مرد حضرات بعض نفسیاتی وجوہات کے باعث عورتوں کے نام سے خود کو ادبی حلقوں میں متعارف کراتے ہیں۔ کواکب جیسے نظر آتے ہیں اس طرح نہیں ہوتے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یہ بازی گر کھلا دھوکا دے کر صحیح نتائج تک رسائی کے راستے میں حائل ہو جاتے ہیں۔ اس طرح تخلیقی تحریروں کا گڈ مڈ ہو جانا کئی مغالطوں کا باعث بن جاتا ہے۔ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں ذاتی نمود و نمائش اور نصب العینیت کے تصورات کا حقیقی ادراک اب عنقا ہوتا چلا جا رہا ہے۔ ایک تخلیق کار پس منظر میں رہتے ہوئے بھی اپنی تخلیقی فعالیت سے قلب و نظر کو مسخر کر کے اپنی صلاحیتوں کو منوا سکتا ہے۔ تانیثیت پر مبنی انداز فکر کی حقیقی تفہیم پر توجہ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ تانیثیت کے متعلق متعدد امور میں ابہام پایا جا تا ہے۔ اس موضوع پر ہیلن سکسوس( Helen Cixous ) کی تجزیاتی رائے قابل غور ہے :
It is impossible to define a feminine practice of writing and this is an impossibility that will remain for this practice will never be theorized, enclosed, encoded----- which does not mean that it does not exist. (14)
مردوں کی اکثریت اور غلبے والی معاشرت میں بالعموم یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ تانیثیت پر مبنی سوچ اور خواتین کا کلچر اپنی نوعیت کے لحاظ سے ایک ذیلی کلچر ( Sub Culture) کے سوا کچھ نہیں۔ بنیادی طور پر یہ ایک منفی سوچ ہے اس کے مسموم اثرات سے معاشرے کا ایک بڑا طبقہ اپنے جائز حقوق سے محروم ہو جاتا ہے۔ ماہرین عمرانیات اس امر پر متفق ہیں کہ بقائے باہمی کے اصولوں کے تحت خواتین کی منفرد اور علاحدہ حیثیت معاشرتی زندگی میں نکھار کے لیے ناگزیر ہے۔ خواتین کا طرز حیات اور اسلوب بیان اردو ادب میں ابتدا ہی سے منفرد رہا ہے۔ ان نازک معاملات تک رسائی مردو ں کے لیے نا ممکن ہے۔ اس ڈسکورس میں صرف خواتین کو خلاقانہ دسترس حاصل رہی ہے۔ اردو شاعری میں اس کی متعدد مثالیں موجود ہیں۔
ماہ لقا بائی چندا
بوسہ بھی کوئی مانگے تو دے جان کی خیرات
خاطر کو نہ رنجیدہ کر اے ماہ کسی کی
کب تک رہوں حجاب میں محروم وصل سے
جی میں ہے کیجے پیار سے بوس و کنار خوب
کٹی ہے ہجر کی شب،اب ہے وصال یار کا دن
خدا نے ہم کو دکھایا ہے پھر بہار کا دن
اٹھا بغل سے تو اے ماہ رو مرے تب سے
نہ پوچھ کیوں کر کٹا تیرے بے قرار کا دن
شب کو ہماری ان کی ملاقات ہو گئی
شکر خدا کہ ہم پہ عنایات ہو گئی
آتے ہی میں نے اس کے کیا نذر نقد دل
مہماں کی ہر طرح سے مدارات ہو گئی
وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ خواتیں پر یہ بات اچھی طرح واضح ہو گئی کہ زمانے میں محبت کے سوا اور بھی متعدد دکھ ہیں، اسی طرح اگر راحتوں کا حصول محض وصل کی راحت تک ہی محدود نہیں۔ معاشرتی زندگی کے تیزی سے بدلتے ہوئے حالات اور نئی احساساتی کیفیات نے فکر و نظر کی کایا پلٹ دی اس طرح تخلیق فن کے لمحوں میں خواتین نے زندگی کی حقیقی معنویت کو سمجھتے ہوئے متنوع موضوعات،نئے شعری تجربات اور آفاقی حالات پر خامہ فرسائی کو شعار بنایا۔ امروز کی شورش میں اندیشۂ فردا کا یہ خیال اپنے جلو میں شائستہ انداز فکر،دل کشی،رنگینی،خلوص و مروت اور صد آفرینی کے ایسے گل ہائے رنگ رنگ لایا جس کے اعجاز سے حقیقت اور فریب حقیقت کے متعلق تمام صداقتیں معلوم ہوئیں اور زندگی کی اقدار عالیہ کو تحفظ ملا۔ چند مثالیں پیش خدمت ہیں :
فہمیدہ ریاض
پتھر سے وصال مانگتی ہوں
میں آدمیوں سے کٹ گئی ہوں
شاید پاؤں سراغ الفت
مٹھی میں خاک بھر رہی ہوں
گلنار آفریں
حق بات بھی کہنے کی کی اجازت نہیں ملتی
پھر بھی مرے لہجے میں بغاوت نہیں ملتی
تم جبر کیے جاؤ مگر دھیان میں رکھنا
وقت آنے پہ لمحے کی بھی مہلت نہیں ملتی
جذبوں کی ہے توہین تو احساس کی تذلیل
نفرت بھرے لہجے میں شرافت نہیں ملتی
فرخ زہرا گیلانی
خیال و خواب کی دنیا سنوارنے والا
کہاں گیا ہے میرا غم سہارنے والا
پھر اس کے بعد کبھی لوٹ کر نہیں آیا
وفا کے رنگ نظر میں اتارنے والا
رضیہ کاظمی
آگہی کے کھیل میں یہ زیاں ہونے کو ہے
برق رفتاری میں سب کچھ لا مکاں ہونے کو ہے
اک تزلزل ساز میں تا آسماں ہو نے کو ہے
بس پلک جھپکی کہ نہیں سب دھواں ہونے کو ہے
فرزانہ اعجاز
نکالے جا چکے خلد بریں سے
کہاں جائیں نکل کر اس زمیں سے
تیری مٹھی میں ہے تقدیر عالم
صحیفہ اب نہ اترے گا کہیں سے
خمیر اٹھا ہے میرا جس زمیں سے
تمھارا بھی تعلق ہے وہیں سے
نوشی گیلانی
عجیب خواہش ہے شہر والوں سے چھپ چھپا کر کتاب لکھوں
تمھارے نام اپنی زندگی کی کتاب کا انتساب لکھوں
میں تنہا لڑکی دیار شب میں جلاؤں سچ کے دئیے کہاں تک
سیاہ تاروں کی سلطنت میں میں کس طرح آفتاب لکھوں
زہرا نگاہ
سنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہو تا ہے
سنا ہے شیر کا جب پیٹ بھر جائے تو وہ حملہ نہیں کرتا
درختوں کی گھنی چھاؤں میں جا کر لیٹ جاتا ہے
سنا ہے ہوا کے تیز جھونکے جب درختوں کو ہلاتے ہیں
تو مینا اپنے گھر کو بھول کر کوے کے انڈوں کو پروں میں تھام لیتی ہے
سنا ہے گھونسلے سے جب کوئی بچہ گرے تو
سارا جنگل جاگ جاتا ہے
سنا ہے جب کسی ندی کے پانی میں
بئے کے گھونسلے کا گندمی سایہ لرزتا ہے
ندی کی روپہلی مچھلیاں اس کو پڑوسی مان لیتی ہیں
ندی میں باڑ آ جائے ،کوئی پل ٹوٹ جائے تو اسی لکڑی کے تختے پر
گلہری،سانپ،چیتا اور بکری ساتھ ہوتے ہیں
خداوندا جلیل و معتبر دانا و بینا منصف اکبر
میرے اس شہر میں جنگلوں ہی کا کوئی قانون نافذ کر
اردو ادب میں تانیثیت کا وجود ہر صنف ادب میں ملتا ہے۔ کئی با صلاحیت خواتین نے فروغ علم و ادب میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ صحافت میں محترمہ رضیہ مشکور نے اپنے مجلہ’’ دیدہ ور ‘‘کو گزشتہ چار برس سے امریکہ سے انٹر نیٹ پر پیش کر کے ایک مستحسن کام کیا ہے۔ علی گڑھ کلب کی صورت میں ان کے ساتھ ممتاز اہل علم خواتین کی بڑی تعداد مصروف عمل ہے۔ ان میں محترمہ ڈاکٹر طیبہ قدوائی صاحبہ،شہناز خانم عابدی صاحبہ ،فرزانہ اعجاز، شہناز کنول، عثمانہ اختر جمال ا ور بہت سی دیگر قابل اور مستعد خواتین نے اپنے تخلیقی کام سے یہ محفل سجا رکھی ہے اور خوب سے خوب تر کی جستجو کا سلسلہ جاری ہے۔ محترمہ صدیقہ بیگم تاریخی ادبی مجلہ ’’ادب لطیف‘‘ لاہور سے شائع کر رہی ہیں ،یہ رجحان ساز مجلہ گزشتہ پچھتر سال سے مسلسل شائع ہو رہا ہے۔ مارچ 2011 میں ادب لطیف کا پچھتر سالہ نمبر بڑے اہتمام سے شائع ہوا ہے۔ محترمہ عذرا اصغر صاحبہ کا ادبی مجلہ ’’سہ ماہی تجدید نو ‘‘ لاہور سے شائع ہو تا ہے۔ ان کی ہو نہار ادیبہ بیٹی شبہ طراز ان کی معاون ہیں جو فن مصوری میں ید طولیٰ رکھتی ہیں۔ محترمہ ڈاکٹر شفیقہ قادری صاحبہ اردو تنقید کا ایک اہم نام ہے۔ پروفیسر مسز شمیم علیم نے اردو خاکہ نگاری کی ترویج و اشاعت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ حال ہی میں عالمی شہرت کے حامل ادیب اور دانش ور ’’حسن چشتی ‘‘ پر ان کا ایک خاکہ ٹائمز میگزین ٹورنٹو (کینیڈا) میں 10مارچ 2011 کو شائع ہو ا ہے۔ ان کے اسلوب کی انفرادیت قابل توجہ ہے۔ اس خاکے میں محترم حسن چشتی کی شخصیت کے تمام خد و خال اس طرح لفظی مرقع نگاری میں نہایت خوش اسلوبی سے سمو دئیے گئے ہیں کہ قاری چشم تصور سے محترم حسن چشتی کو خدمت خلق کے کاموں میں مصروف دیکھ کر مسرت کے احساس سے سرشار ہو جاتا ہے۔
’’عموماً خدمت خلق کا جذبہ آدمی میں ایک عمر کو پہنچنے کے بعد غالب آتا ہے ،جب اس کے بال سفید ہونے لگتے ہیں اور سے زاد راہ کی فکر ستانے لگتی ہے۔ نماز روزے کے علاوہ خدمت خلق بھی ثواب کمانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے لیکن نوجوان عموماً ایسی حرکتیں نہیں کرتے لیکن لگتا ہے حسن چشتی صاحب تو پیدا ہی بوڑھے ہوئے تھے صرف اس معاملے میں ورنہ ان کا دل تو ابھی جوان ہے ‘‘
خواتین میں اس وقت بیداری کی جو لہر پیدا ہوئی ہے وہ تاریخ کے مسلسل عمل کا ثمر ہے۔ جذبات و احساسات کی تونگری، تخیل اور شعور کی بے پناہ وسعت اس عہد ناپرساں میں ذاتی محنت اور علمی ثروت کے اعجاز سے خواتین نے اپنی تحریروں کو ذہن و ذکاوت کی بیداری کے لیے استعمال کیا اور بے پنا ہ اثر آفرینی سے مزین کیا۔ زندگی کی بوالعجبی کے ادراک کا جو معیار خواتین کے ہاں موجود ہے وہ قابل توجہ ہے۔ ممتاز شیریں نے ایک مضمون میں لکھا ہے :
’’مجھ میں فن کا رکی انا سہی لیکن اتنا انکسار تو ضرور ہے کہ یہ محسوس کر سکوں کہ بڑے ادیبوں کے سامنے ہم کتنے چھوٹے ہیں اور فن کے ارتقا اور تکمیل تک پہنچنے میں ہمیں ا بھی کتنے ا ور مرحلے طے کرنے ہیں۔ میں اپنے بارے میں صرف یہ کہہ سکتی ہوں کہ پہلے درجے سے گزر کر میں نے دوسرے میں قدم رکھا ہے اور اپنی ذات میں نارسیسی انہماک پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے۔ ‘‘
محترمہ رضیہ مشکور اپنی ذات میں ایک انجمن ہیں۔ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کا ایک عالم معترف ہے۔ ان کا مجلہ ’’ دیدہ ور ‘‘پور ی دنیا میں مقبول ہے اور دنیا کی ممتاز جامعات کے کتب خانوں میں اسے شامل کیا گیا ہے۔ تنقید اور تحقیق کا جو ارفع معیار اس رجحان ساز ادبی مجلے میں پیش کیا جاتا ہے وہ اسے منفرد اور ممتاز مقام عطا کرتا ہے۔ بحیثیت مدیر ہ،ادیبہ اور دانشور دنیا بھر کے علمی اور ادبی حلقوں میں ان کو بے پناہ عزت و تکریم حاصل ہے۔ ان کے لکھے ہوئے اداریے ،افسانے ،تجزیاتی مضامین اور مکاتیب میں اسلوبیاتی تنوع منفرد شان کے ساتھ اپنا جلوہ دکھاتا ہے۔
محترمہ بانو قدسیہ نے اردو زبان و ادب کی ثروت میں بے پناہ اضافہ کیا۔ ان کی تحریروں میں تخلیقی بصیرت،کمال فن،لفظی مرقع نگاری،سراپا نگاری عروج پر ہے۔ انسانی نفسیات کا وسیع مطالعہ ان کا خاص موضوع ہے۔ ’’راجہ گدھ‘‘ جیسا شاہ کار ناول لکھ کر انھوں نے شہرت عام اور بقائے دوام حاصل کی۔ قیوم نامی نو جوان یونیورسٹی میں اپنی ہم جماعت سیمی شاہ کو کس انداز میں دیکھتا ہے ،اس کا احوال پڑھ کر قاری تخلیق کار کے عمیق مشاہدے اور مرد کی نفسیات کو بخوبی سمجھ سکتا ہے :
’’وہ گلبرگی معاشرے کی پیداوار تھی اس وقت اس نے موری بند جینز کے اوپر وائل کا سفید کرتا پہن رکھا تھا۔ گلے میں حمائل نما لاکٹ ناف کو چھو رہا تھا۔ کندھے پر لٹکنے والے کینوس کے تھیلے میں غالباً نقدی، لپ سٹک ٹشو پیپر تھے۔ ایک ایسی ڈائری تھی جس میں کئی فون نمبر اور برتھ ڈے کے دن درج تھے۔ ایک دو ایسے قیمتی پن بھی شاید موجود ہوں گے جن میں سیاہی نہ ہونے کی وجہ سے وہ بال پوائنٹ مانگ کر لکھا کرتی تھی اس کے سیاہ بالوں پر سر خ رنگ غالب تھا۔ اکتوبر کے سفید دن کی روشنی میں اس کے بال آگ پکڑ نے ہی والے تھے وہ بالکل میر ے سامنے تھی اور اگر میں چاہتا تو اس کے کندھوں پر سلیقے سے جمے ہوئے بالوں کو چھو سکتا تھا لیکن ہمیشہ کی طرح اس کے کرتے کے نیچے اس کی باڈس کا الاسٹک،ہک اوپر جانے والی طنابوں کو دیکھ کر خوف زدہ ہو گیا۔ بھری پستول سے کبھی میں اس قدر خائف نہیں ہوا۔ ‘‘
اسلوب کے تجزیاتی مطالعہ سے تخلیق کار کی بالغ نظری،وسیع مشاہدہ، اور لا شعوری محرکات سے یہ معلوم ہو تا ہے کہ زندگی کے خاص لمحات کو گرفت میں لینا اور محسوسات،مشاہدات اور تجربات کو الفاظ کے پیکر میں ڈھالنا بانو قدسیہ کا امتیازی وصف ہے۔ انھوں نے جنس کے بڑھتے ہوئے بے لگام رجحان پر گرفت کی ہے۔
اردو نثر میں تانیثیت کے رجحانات رفتہ رفتہ ایک مستقل روایت کی صورت اختیار کرتے چلے گئے۔ انسانی جذبات کے بیان میں خواتین تخلیق کارو ں کو بہت کامیابی ملی ہے۔ تہذیبی طرز عمل ان تحریروں میں اپنی پوری قوت کے ساتھ ظاہر ہو تا ہے۔ اس کی ایک مثال محترمہ رضیہ فصیح احمد کی ہے۔ انھوں نے اردو میں آٹھ ناول،دو ناولٹ،پانچ افسانوی مجموعے ، دو سفر نامے ،مزاحیہ مضامین پر مشتمل دو کتب اور ڈراموں کی ایک کتاب لکھ کر اردو ادب میں تانیثیت کو ایک معتبر مقام پر فائز کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے انگریزی زبان میں بھی افسانے لکھے ہیں جو زیور طباعت سے آراستہ ہو کر قارئین سے پذیرائی حاصل کر چکے ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ خواتین نے جس انداز میں ادبی قدروں کو پروان چڑھایا ہے وہ ان کی عظمت کر دار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ اقدار زندگی کی بو قلمونی کی مظہر ہیں۔ صداقت اور حق گوئی کا ا یک کا ارفع ترین معیار خواتین کے اسلوب میں اپنا الگ اثر دکھاتا ہے۔ تانیثیت پر مبنی ادب معاشرتی زندگی کے اہم ترین پہلوؤں کو تخلیقی عمل کی اساس بناتا ہے اور اس طرح ہماری تمام پسندیدہ اقدار کو نئی معنویت ملتی ہے۔ سچی بات تو یہ ہے کہ طربیہ ہو یا المیہ سب کے سوتے ان کے مزاج کی شائستگی سے پھوٹتے ہیں۔
اس ظالم معاشرے میں صیاد اور جلاد سر عام دندناتے پھرتے ہیں صر صر وقت کے ہاتھوں مشعل دل جب بجھنے کو ہو تو تانیثیت کی علم بردار خواتین عزم صمیم سے کام لیتے ہوئے دلوں کو ایک ولولہ تازہ عطا کرنے کی کوشش میں مصروف نظر آتی ہیں۔ سیلاب حیات کا بلا خیز طوفان نہایت سرعت کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ اس کے مہیب گرداب میں مظلوم اور قسمت سے محروم انسان خس و خاشاک کے مانند غلطاں و پیچاں ہیں۔ اس آشوب میں کوئی بھی ان کا پرسان حال نہیں۔ بیاباں میں کھلنے اور بکھرنے والے گل ہائے رنگ رنگ کا قدر شناس کون ہو گا؟ہوس نے جہاں نوع انسان کو انتشار اور پراگندگی کی جانب دھکیلا وہاں اس کے تباہ کن اثرات سے نئی نسل بے حسی کا شکار ہو گئی اور روح بالکل مر دہ ہو چکی ہے۔ خواتین کے اسلوب میں متعدد آفاقی صداقتوں کا پرتو ملتا ہے۔ زندگی میں نئے مفاہیم کی جستجو اس سلسلے میں قابل ذکر ہے۔ ؎
جو بیتی ہے وہ دہرانے میں کچھ وقت لگے گا
اس غم کو اک یاد بنانے میں کچھ وقت لگے گا
یہ مت سمجھو دنیا والو تھک کر بیٹھ گئے ہم
پچھلی چوٹو ں کو سہلانے میں کچھ وقت لگے گا (شبنم شکیل)
تانیثیت پر مبنی تنقیدی انداز فکر نے 1990کے بعد اپنی اہمیت، افادیت اور مقبولیت کا لوہا منوایا ہے آج خواتین نے ادب اور فنون لطیفہ میں اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھا دی ہے۔ فطرت اور ماحول سے خواتین کی یگانگت اور گہرا ارتباط ان کی تحریروں کا امتیازی وصف ہے۔ ان کے معجز نما اثر سے جہد للبقا کے موجودہ زمانے میں خواتین کی تحریریں خود اپنا اثبات کرتی ہیں۔ نفسیاتی حوالے سے عورت، جنس اور جذبات کو اہم حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔ ان کی تحریریں خلوص اور درد مندی کی مظہر ہیں۔ خواتین کے ریشے ریشے میں بے لوث محبت کے جذبات سرایت کر چکے ہیں وہ ان کی تحریروں میں صاف سنائی دیتے ہیں۔ تانیثیت پر مبنی تنقید میں جہاں حیایتاتی تناظر میں بات کی جاتی ہے وہاں خدوخال کی دلکشی پر بھی توجہ مرکوز رہتی ہے اور بعض ناقدین حسن صورت کو تخیل کا منبع قرار دیتے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایثار، وفا، محبت اور ہجر و فراق کے موضوعات پر خواتین کا انداز دل کی دھڑکنوں سے ہم آہنگ ہو جاتا ہے یہ بات مردوں کی تحریروں میں عنقا ہے۔ اس حقیقت کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ تانیثیت ایک واضح صداقت کا نام ہے۔ اسے ایک خاص طبقے یا صنف کی تخلیقات کا مخزن قرار دینا درست نہ ہو گا۔ نہ ہی اسے حیاتیاتی عوامل کی بنا پر الگ حیثیت ملنی چاہیے۔ بلکہ یہ ادب ہے جو ایک خاص بود باش رکھنے والی اور منفرد طرز معاشرت کی حامل خواتین سے منسوب ہے ، جہاں کی ہر ادا جہان دیگر کی مظہر ہے ،۔ فہمیدہ ریاض نے اپنی آزاد نظم ’’ زاد راہ ‘‘ میں جو سوال کیا ہے وہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے ؎
طویل رات نے آنکھوں کو کر دیا بے نور
کبھی جو عکس سحر تھا، سراب نکلا ہے
سمجھتے آئے تھے جس کو نشان منزل کا
فریب خوردہ نگاہوں کا خواب نکلا ہے
تھکن سے چور ہیں ، آگے بڑھیں کہ لوٹ آئیں
با شعور خواتین نے ہمیشہ حریت فکر کا علم بلند رکھا ہے اور حریت ضمیر کے لیے اسوۂ شبیر کو اپنایا ہے محترمہ بلقیس قمر سبز واری کا خیال ہے :
’’ ادب میں سب سے زیادہ نقصان دہ بات یہ ہے کہ ہماری سوچ معطل اور ارادے تحلیل ہو جائیں شعری اور ادبی پذیرائی کم ہو جائے اور ہمارے دانش ور نقاد اپنے شخصی وجود کو منوانے پر زور دینے لگیں۔ ‘‘ (16)
نسائی لب لہجے کو اپناتے ہوئے نسل نو کو تعلیم و تربیت کے ذریعے تہذیبی و ثقافتی میراث کی منتقلی تانیثیت کا معجز نما اثر ہے۔ اس سلسلے میں خواتین نے بہت جگر کاوی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھیں اس بات کا شدت سے احساس رہا ہے کہ تہذیبی و ثقافتی اقدار وا روایات کی نمو وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ اس میں کسی کوتاہی کا ارتکاب ایک مہلک غلطی ہے جو انسان کو وحشت و بربریت کا شکار بنا سکتی ہے۔ محترمہ زاہدہ حنا نے نہایت دردمندی سے اس جانب متوجہ کرتے ہوئے لکھا ہے :
’’ ہمارے ہاں احتجاج کی جمہوری جدوجہد کی چھوٹی اور بڑی لہریں اٹھ رہی ہیں لیکن افسوس کہ ہمارے یہاں وکٹر ہیوگو کی طرح ایسے ادیب موجود نہیں۔ ہمیں ایسے ادیبوں کی ضرورت ہے جو وکٹر ہیوگو کی طرح یہ کہہ سکیں کہ جبر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈلنے والی آنکھ بن جاؤ جو عظیم کل پر جمی ہوئی ہے۔ ادیب اپنی تحریروں سے سینے میں جمہوریت اور آزادی کی قندیل ہی روشن نہ کریں بلکہ اپنے ادب سے جمہوریت پسند لوگ بھی پیدا کریں کہ یہی لوگ انقلاب کا ہراول دستہ بنتے ہیں۔ ‘‘ (17)
خواتین نے ہر دور میں تاریخی آگہی(Historical Awareness) اور عصری آگہی پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔ ان ہاں معروضیت (Objectivity) کا عنصر نمایا ں رہا ہے۔ مابعد جدیدیت کی ایک پیچیدہ (Complex) صورت حال واضح دکھائی دیتی ہے۔ پاکستان میں جب13 جون2007کو عدالتی بحران پیدا ہوا تو حساس تخلیق کار اس سے بہت متاثر ہوئے۔ یہاں تک کہ 13جون2007 کو اس بحران کے حل کے لیے قانون دان طبقے کی اپیل پر لانگ مارچ ہوا۔ محترمہ کشور ناہید نے حرف صداقت لکھنا اپنا شعار بنایا ہے۔ ان کی تحریر میں مادر وطن سے محبت صاف جھلک رہی ہے جو کہ تانیثیت کا اہم ترین وصف ہے اور یہی ان کے اسلوب کا امتیازی وصف ہے۔ اس تحریر میں انھوں نے عدلیہ پر شب خون مارنے اور انصاف کی پامالی کے مرتکب آمروں کے اقدامات کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے انھیں ہدف تنقید بنایا ہے۔ عوامی شعور و آگہی کو مہمیز کرنے کے سلسلے میں یہ انداز تحریر بانگ درا کی حیثیت رکھتا ہے۔
’’پش اور سے ملیر کراچی تک ہر شہر کے لوگوں کے چہرے کہہ رہے تھے فیضؔ صاحب آپ نے تو کہا تھا، ’’بول کہ لب آزاد ہیں تیرے ‘‘ آپ نے تو کہا تھا،’’ لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے ‘‘ اب آپ بتائیں ، ہم نے تو حوصلہ کیا۔ اعلان کیا، مظاہرہ کیا، تو اب فیضؔ صاحب بتائیں منافق کون ہے ؟‘‘(18)
خواتین نے اپنے قول و فعل سے یہ ثابت کر دیا کہ ان اقدار و روایات کو پروان چڑھانا چاہیے جن کے اعجاز سے معاشرتی زندگی میں خیر و فلاح کے امکانات کو یقینی بنایا جا سکے۔ جبر کا ہر انداز مسترد کر کے اخلاقیات کے ارفع معیار تک رسائی پر توجہ دی جائے۔ انفرادی ا اور اجتماعی لاشعور کی جو کیفیت خواتین کی تخلیقات میں جلوہ گر ہے اس کا تعلق دروں بینی سے ہے محترمہ بلقیس قمر سبز واری کے چند اشعار ملاحظہ فرمائیں جو ایک تخلیق کا رکی فکر، عصری عوامل اور گہرے احساسات کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔ ؎
خواہش ہے مجھ کو دیکھ کے کہہ جائیں اہل دل
اپنے لہو میں ڈوب کے بکھرا ہے کو ئی رنگ
خار و گل کے اس تصادم سے بھلا ملتا ہے کیا
اپنا داماں چاک ہو جاتا ہے بس احساس سے
سمندروں سے گزر کر ملے ہیں جو طوفاں
انھی کو چھو کے ہمیں آفتاب ملتے ہیں
وقت بھی کیا ہے کہ طوفان سفر میں اب تک
ایک گزرے ہوئے منظر کی طرح لگتا ہے
آئینے ٹوٹ کے رہ جائیں اگر قدموں میں
ہم تو بکھر ے ہوئے شیشوں سے بنا لیں دنیا
نہ جانے کس کا سفر تھا کہاں پہ ختم ہوا
ستارے ٹوٹے ہیں کتنے سحر کے ہونے تک
رہتے ہیں ہم زمین پر کیوں خود سے شرم سار
ہم نے تو بار بار بنائے ہیں آسمان
اردو ادب میں خواتین نے ہر صنف ادب میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ مر دکی بالا دستی اور غلبے والے معاشرے میں انھوں نے ہوائے جور و ستم میں بھی شمع وفا کو فروزاں رکھا ہے۔ انھوں نے مظلوم، محروم اور مجبور عوام سے جو عہد وفا کیا اسے پوری عمر استوار رکھا۔ بانو قدسیہ، قرۃالعین حیدر، خالدہ حسین، زاہدہ حنا، پروین ملک، پروین شاکر، ادا جعفری، بلقیس قمر سبز واری، خدیجہ مستور، رضیہ فصیح احمد، شکیلہ رفیق، ہاجرہ مسرور، عصمت چغتائی، جمیلہ ہاشمی،صبیحہ صبا اور ممتاز شیریں اس کی درخشاں مثالیں ہیں۔ ہر عہد کے ادب میں ان نابغۂ روزگار شخصیات کے اثرات موجود ہیں گے ، تاریخ ہر دور میں ان کے نام کی تعظیم کرے گی۔ ادا جعفری کی یہ نظم ’’ شہر آشوب ‘‘تانیثیت کا اعلیٰ نمونہ ہے۔
شہر آشوب
ابھی تک یاد ہے مجھ کو
مرے آنگن میں خیمے تھے دعاؤں کے
یقیں آئے نہ آئے میرے بچوں کو
گئے وقتوں کا قصہ ہے
کہ بر گ گل کبھی قدموں تلے روندا نہ جاتا تھا
ہوا برگشتہ گام آتی نہ تھی پہلے
یقیں اغوا نہ ہوتا تھا
مرے آنگن میں نقش پا سجے تھے
خون کے دھبے نہ ہوتے تھے
دھوئیں کے ناگ کا پہرا نہ ہوتا تھا
گئے وقتوں کی باتیں ہیں
مرے بچوں کو شاید ہی یقیں آئے
در و دیوار کے اوپر
کسی آسیب کا سایا نہ ہوتا تھا
سبھی تنہا تھے لیکن یوں کوئی تنہا نہ ہوتا تھا
ابھی تک یاد ہے مجھ کو
خواتین تخلیق کار اس وقت ہر صنف ادب میں اپنی تخلیقی فعالیتوں اور خداداد صلاحیتوں کی دھاک بٹھا چکی ہیں۔ ان کے تخیل کی جولانیاں اور بلند پروازی ظاہر کرتی ہے کہ علوم کی ترکیب ( Synthesis)پربھی انھوں نے بھر پور توجہ دی ہے۔ زندگی کے تمام تقاضوں اور جزئیات کو خواتین نے نہایت سنجیدگی اور متانت کے ساتھ پیش کیا ہے۔ تجربات،احساسات اور مشاہدات کو ذاتی بلکہ نجی حوالے کے ساتھ پرکھنے کے بعد انھیں تمام جزئیات کے سا تھ احاطۂ تحریر میں لانا فنی مہارت کی دلیل ہے۔ محترمہ شہلا احمد سہ ماہی الاقربا اسلام آباد کی مدیر مسؤل ہیں۔ ان کی تحریروں میں تانیثیت کا ایک منفرد آہنگ قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔ روزمرہ زندگی کی معمولی باتوں اور ضروریات کو غیر معمولی انداز میں الفاظ کے قالب میں ڈھالنا ان کے اسلوب کا اہم وصف ہے۔ تخلیق ادب میں وہ چھوٹی چھوٹی باتوں کو بھی نظر انداز نہیں کرتیں بلکہ انھیں ادب کے مواد کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر ان کا مستقل سلسلہ ء مضامین ’’ گھریلو ٹوٹکے ‘‘ جو سہ ماہی الاقربا اسلام آباد میں شائع ہو رہا ہے نہ صرف خواتین بلکہ مرد حضرات میں بھی بے حد مقبول ہے۔ جہاں تک موضوعات،مواد،اسلوب اور ابلاغ کا تعلق ہے اسے معاشرت،تہذیب اور ثقافت ترجمان سمجھنا مناسب ہو گا۔ ایک ٹوٹکا ملاحظہ فرمائیں
’’ السر اور معدے کا درد‘‘
شہد اور دار چینی کا سفوف ملا کر استعمال کرنے سے السر اور معدہ کے درد کو فائدہ ہوتا ہے ‘‘
یہ ٹوٹکے ایک تہذیبی اور ثقافتی تسلسل کی علامت ہیں۔ ادب کو زندگی سے مربوط کرنے میں سماجی اور عمرانی پہلو کلیدی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ خواتین اس پر پوری توجہ دے رہی ہیں۔ خاص طور پرالاقربا،دیدہ ور،ادب لطیف،تجدید نو،فکر نو،لوح ادب،روشنائی،لمس کی خوشبو،فنون اور مونتاج جیسے رجحان ساز ادبی مجلے اس رجحان کو ایک مستحکم روایت کے طور پر سامنے لانے میں تاریخی کر دار ادا کر رہے ہیں۔
آج ہمیں ہوا کی دستک کو سن لینا چاہیے۔ آنے والی رت بہت کڑی ہے۔ حصار جبر کی اندھی فصیل کو منہدم کرنے کے لیے کو بہ کو بیداری کا پیغام پہنچانا ہو گا۔ بے چہرہ لوگوں اور بے در گھروں میں حوصلے اور امید کی شمع فروزاں کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ خواتین میں احساس ذمہ داری اور بیداری کی جو لہر پیدا ہو گئی ہے وہ ہر اعتبار سے قابل قدر ہے۔
٭٭٭
مآ خذ
۱۔ علامہ محمد اقبال ڈاکٹر: ضرب کلیم، کلید کلیات اقبال، اردو، مرتب احمد رضا، 2005 ، صفحہ 106
2. David Lodge: Modern Criticism and Theory, Pearsom Education Singapore 2004, Page 308
ّ3. Terry Eagleton: Literary Theory , Minnesota, 1998, Page. 194 London
4. Ross Murfin : The Bedford Glossary of Critical and literary terms Bedford books. Bostan, 1998, Page 123
5. Ross Murfin : The Bedford Glossary of Critical and literary terms Bedford books.Bostan, 1998, Page 123
6. David Lodge: Modern Criticism and Theory, Pearsom Education Singapore 2004, Page 491
۷۔ اظہر سہیل : ایجنسیوں کی حکومت، وین گارڈ بکس، , لاہور 1993صفحہ 16
۸۔ آفتاب حسین شیخ (جسٹس ریٹائر ڈ ): انٹرویو، جنگ لاہور، جمعہ میگزین، 24 جولائی، 1992 صفحہ 3
۹۔ عذرا اصغر: مسافتوں کی تھکن، عزیز پبلشرز، لاہور، طبع اول، 2007، صفحہ 219
۱۰۔ پروین شاکر : غزل ماہنامہ فنون، لاہور ، شمارہ 25، نومبر، دسمبر 1986، صفحہ 219
۱۱۔ پروین شاکر : غزل ماہنامہ فنون، لاہور ، شمارہ 25، نومبر، دسمبر 1986، صفحہ 219
12. David Lodge: Modern Criticism and Theory, Pearsom Education Singapore 2004 Page 192
13 David Lodge: Modern Criticism and Theory, Pearsom Education Singapore 2004 Page 311
14 David Lodge: Modern Criticism and Theory, Pearsom Education Singapore 2004 Page311
۱۵۔ بحوالہ آغابابر: حرف سوگوار مشمولہ سیپ کراچی، شمارہ 55جنوری، 1990
۱۶۔ بلقیس قمر سبز واری : اداریہ، سہ ماہی فکر نو، لاہور، جون، 2008صفحہ 9
۱۷۔ زاہد ہ حنا: انصاف کا نڈر محافظ، مضمون مشمولہ روز نامہ ایکسپریس، فیصل آباد 18 جون، 2008، صفحہ 12
۱۸۔ کشور ناہید : ’’عوام اور وکلا سرخرو ہیں ‘‘ مشمولہ روز نامہ جنگ،لاہور 15جون 2008 صفحہ 9
اسلوب کی تفہیم
یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ ایک تخلیق کار جب پرورش لوح و قلم کا فریضہ انجام دیتا ہے تو وہ قلب اور روح کی گہرائیوں سے اس کو نمو بخشتا ہے۔ تخلیق ادب کے سلسلے میں یہ بات پیش نظر رکھنا ضروری ہے کہ ادب پارے اس وقت معرض وجود میں آتے ہیں جب تخلیق کار اپنے دل پہ گزرنے والی ہر کیفیت کو الفاظ کے قالب میں ڈھالے۔ ایک نیا ادب پارہ جب منصۂ شہود پر آتا ہے تو اس کا برا ہ راست تعلق ایام گزشتہ کی تخلیقات سے استوار ہو جاتا ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ کلاسیکی ادب کے ساتھ لمحۂ موجود کی تخلیقات ایک درخشاں روایت کی صورت میں منسلک ہیں ایک مثالی نظام ہمہ وقت رو بہ عمل لایا جاتا رہا ہے جس کی بدولت تخلیق کار کی منفرد سوچ سے آگاہی ہوتی ہے۔ تخلیقی اظہار کے متعدد امکانات ہو ا کرتے ہیں۔ ایک زیرک،فعال اور مستعد تخلیق کار اپنے صوابدیدی اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ان میں سے کسی ایک کو اپنا ما فی الضمیر بیان کرنے کے لیے منتخب کرتا ہے یہی اس تخلیق کار کا اسلوب قرار پاتا ہے۔ سیف الدین سیف نے کہا تھا :
سیف انداز بیاں بات بدل دیتا ہے ورنہ دنیا میں کوئی بات نئی بات نہیں
اس حقیقت کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ ایک تخلیق کار تخلیق فن کے لمحوں میں جب اپنے اشہب قلم کی جولانیاں دکھاتا ہے تو تخلیق فن کے اسے فعال جذبے کو بالعموم غیر شخصی تصور کیا جاتا ہے۔ بادی النظر میں یہ بات واضح ہے کہ تخلیق کار کے لیے غیر شخصی معیار تک رسائی بہت کٹھن مرحلہ ہے۔ اس مرحلے پر وہ تخلیق ادب کو اپنی اولین ترجیح سمجھتے ہوئے اپنے ذات کے بجائے فن پر اپنی توجہ مرکوز کر دیتا ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ دردو غم اور مصائب کا ایک غیر مختتم سلسلہ تخلیق کار کو ہر وقت بیدار رکھتا ہے۔ تخلیق کار پر یہ بات بہت جلد واضح ہو جاتی ہے کہ اس کی شخصیت کی نسبت تخلیق ادب کو زیادہ اہمیت حاصل ہے۔ اس کی تخلیقات کو دوام حاصل ہو گا اور انھی کی بدولت اس کا نام بھی زندہ رہے گا۔ اسلوب در اصل ایک تخلیق کار کے تخلیقی تجربوں کا آئینہ دار ہوتا ہے جسے دیکھ کر اس تخلیق کار کی شخصیت کے جملہ اسرار و رماز کی گرہ کشائی ممکن ہے۔ اسلوب کے ذریعے ایک نقاد کو یہ موقع ملتا ہے کہ وہ تخلیق اور اس کے لاشعوری محرکات کے بارے میں سمجھ سکے۔ مسائل عصر اور حال کے تقاضوں کے بارے میں ادیب جو کچھ محسوس کرتا ہے اسلوب اس کو منعکس کرتا ہے۔ اسلوب کے ذریعے تخلیق کار کی ذاتی ترجیحات سے آگاہی ہوتی ہے۔ ایک مؤثر اور جان دار اسلوب کا حامل تخلیق کار معاشرتی زندگی میں اپنے وجود کا خود اثبات کرتا ہے۔ ممتاز نقاد والٹر پیٹر نے کہا تھا
Style is a certain absolute and unique means of expressing a thing in all its intensity and colour‘‘۱
۱بہ حوالہ عبداللہ ڈاکٹر سید : اشارات تنقید،مقتدرہ قومی زبان،اسلام آباد،1993،صفحہ 268
٭٭٭
ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی کی موضوعاتی شاعری
اردو ادب میں موضوعاتی شاعری پر بہت کم توجہ دی گئی ہے۔ قلی قطب شاہ سے لے کر ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی تک اردو ادب میں موضوعاتی شاعری نے جو ارتقائی سفر طے کیا ہے اس کا ایک طویل پس منظر ہے۔ اس حقیقت کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ ہر موضوع کا تعلق بہ ظاہر محدود متن اور پس منظر سے ہو تا ہے مگر جہاں تک اس کے دائرہ کار کا تعلق ہے تو یہ لا محدود ہو تا ہے۔ ماضی میں اس رجحان کو انجمن پنجاب کی خیال انگیز اور فکر پرور تحریک سے ایک ولولہ تازہ نصیب ہوا۔ آقائے اردو مولانا محمد حسین آزاد ،خواجہ الطاف حسین حالی،شبلی نعمانی،اسمعیل میرٹھی اور متعد زعما نے خون جگر سے اس صنف شاعری کی آبیاری کی اور اسے پروان چڑھانے میں اپنی تمام صلاحیتیں صرف کیں۔ ۔ موضوعاتی شاعری اور اس کے پس پردہ کارفرما لا شعوری محرکات کا بہ نظر غائر جائزہ لینے سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ معاصر ادبی دور میں موضوعاتی شاعری نے اب ایک مضبوط اور مستحکم روایت کی صورت میں اپنی افادیت کا لوہا منوا لیا ہے۔ اس طرح یہ روایت تاریخ کے مسلسل عمل کے اعجاز سے پروان چڑھتی ہوئی دور جدید میں داخل ہوئی۔ اس عہد میں ہمیں تمام اہم شعرا کے ہاں اس کے آثار دکھائی دیتے ہیں۔ عالمی شہرت کے حامل نامور پاکستانی ادیب اور دانشور محسن بھوپالی کا ایک شعری مجموعہ ’’موضوعاتی شاعری ‘‘ کے نام سے آج سے پندرہ برس قبل شائع ہو ا تھا۔ اس طرح اولیت کا اعزاز انھیں ملتا ہے۔ ان کی نظم ’’شہر آشوب کراچی‘‘ مقبول موضوعاتی نظم ہے۔ اردو کے روشن خیال ادیبوں نے نئے افکار،جدید اسالیب، اور زندگی کی نئی معنویت کو موضوعاتی شاعری کی اساس بنایا۔
ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی کی شاعری میں موضوعات کا تنوع،جدت اور ہم گیری ان کی انفرادیت کا ثبوت ہے۔ ان کی موضوعاتی شاعری جہاں کلاسیکی روایات کا پر تو لیے ہوئے ہے وہاں اس میں عصری آگہی کا عنصر بھی نمایاں ہے۔ معاشرے ،سماج اور اقوام عالم کے ساتھ قلبی وابستگی کے معجز نما اثر سے ان کے ہاں ایک بصیرت اور علمی سطح فائقہ دکھائی دیتی ہے۔ وہ جس علمی سطح سے تخلیق فن کے لمحوں میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں اس کا برا ہ راست تعلق آفاقیت سے ثابت ہو تا ہے۔ فرد، معاشرے ،سماج،وطن،اہل وطن،حیات،کائنات اور اس سے بھی آگے ارض و سما کی لا محدود نیرنگیاں ان کی موضوعاتی شاعری میں اس دلکشی سے سما گئی ہیں کہ قاری ان کے اسلوب بیاں سے مسحور ہو جاتا ہے۔ ان کی یہ موضوعاتی شاعری منظوم تذکرے کی ایک منفرد صورت قرار دی جا سکتی ہے اس موضوعاتی شاعری میں منظوم انداز میں جو تنقیدی بصیرتیں جلوہ گر ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ اس سے قبل ایسی کوئی مثال اردو شاعری میں موجود نہیں۔ انسان شناسی اور اسلوب کی تفہیم میں کوئی ان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ موضوعاتی نظموں میں جو منفرد اسلوب انھوں نے اپنایا ہے وہ اور وں سے تقلیدی طور پر بھی ممکن نہیں۔ وہ لفظوں میں تصویر کھینچ کر رکھ دیتے ہیں اور قاری چشم تصور سے تمام حالات و واقعات سے آگاہ ہو جاتا ہے۔ وہ اصلاحی اور تعمیری اقدار کو اساس بنا کر پرورش لوح و قلم میں مصروف رہتے ہیں۔ ان کی شاعری میں قصیدہ گوئی یا مصلحت اندیشی کا کہیں گزر نہیں۔ وہ ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیاز حریت فکر کے مجاہد کی طرح اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے حرف صداقت لکھتے چلے جاتے ہیں۔ ان کی موضوعاتی شاعری کا تعلق زیادہ تر مرحوم ادیب،شاعر،فنون لطیفہ کے نابغہ روزگار افراد اور فطرت کے مظاہر ہیں۔ حق گوئی،بے باکی اور فطرت نگاری ان کی موضوعاتی شاعری کا نمایاں ترین وصف ہے۔
ایک زیرک تخلیق کار کی حیثیت سے ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی نے تخلیق فن کے لمحوں میں خون بن کر رگ سنگ مین اترنے کی جو کامیاب سعی کی ہے وہ لائق صد رشک و تحسین ہے۔ ان کا تشخص اپنی تہذیب،ثقافت،کلاسیکی ادب اور اقوام عالم کے علوم و فنون کے ساتھ قرار پاتا ہے۔ وہ اقتضائے وقت کے مطابق تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے ساتھ عہد وفا استوار رکھتے ہیں اور اسی کو علاج گردش لیل و نہار قرار دیتے ہیں۔ وہ اس امر کی جانب متوجہ کرتے ہیں کہ اگر کوئی قوم اپنے اسلاف کی عظمت اور فکری میراث سے چشم پوشی کی مہلک غلطی کی مرتکب ہوتی ہے تو اس نے گویا یہ بات طے کر لی ہے کہ اسے اپنی ترقی اور عظمت سے کوئی سرو کار نہیں ہے۔ اسی لیے ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی نے عالمی شہرت کے حامل تخلیق کاروں کے بارے میں نہایت خلوص اور درد مندی سے کام لیتے ہوئے مثبت شعور اور آگہی پروان چڑھانے کی کوشش کی ہے۔ کلاسیکی اردو شعرا کے متعلق ان کی موضوعاتی شاعری ان کی انفرادیت کے حیران کن پہلو سامنے لاتی ہے۔ اس موضوعاتی شاعری میں ایک دھنک رنگ منظر نامہ ہے۔ تخلیق کار نے ید بیضا کا معجزہ دکھایا ہے۔ اس میں موضوعات کی ندرت،معروضی حقائق،خارجی اور دا خلی کیفیات،انفرادی اور اجتماعی زندگی کے جملہ معمولات اس مہارت سے اشعار کے قالب میں ڈھالے گئے ہیں کہ قاری حیرت زدہ رہ جاتا ہے اور وہ پکار اٹھتا ہے
اے مصور تیرے ہاتھوں کی بلائیں لے لوں
اپنی موضوعاتی شاعری میں ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی نے جن عظیم شخصیات کو منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا ہے ان میں میر تقی میر،میرزا اسداللہ خان غالب،احمد فراز،پروین شاکر،شبنم رومانی،فیض احمد فیض،سید صادقین نقوی،مظفر وارثی اور متعدد تخلیق کاروں کو انھوں نے زبر دست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ زبان و بیان پر ان کی خلاقانہ دسترس کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ ان کے اسلوب میں پائی جانے والی اثر آفرینی قلب اور روح کی گہرائیوں میں اتر کر دامن دل کھینچتی ہے۔
انسانیت اور زندگی کی اقدار عالیہ کے ساتھ ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی کی والہانہ محبت ان کی موضوعاتی شاعری میں جس انداز میں جلوہ گر ہے وہ ان کے ندرت تخیل اور انفرادی اسلوب کی شاندار مثال ہے۔ بے لوث محبت اور درد کا یہ رشتہ ان کی ایسی تخلیق ہے جس میں کوئی ان کا شریک اور سہیم نہیں۔ وہ انسانیت کے وقار اور سر بلندی کے داعی اور علم بردار ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ جغرافیائی حدود اور زمان و مکاں کے دائروں سے آگے نکل کر انسانیت کے آفاقی محور میں اپنا تخلیقی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سائنس کے غیر شخصی انداز سے قطع نظر ان کے اسلوب میں شخصی اور انفرادی انداز کی بو قلمونی اپنا رنگ جما رہی ہے۔ ان کی موضوعاتی شاعری میں ان کا انفرادی اسلوب اس دلکش انداز میں صفحہ قرطاس پر منتقل ہوتا ہے کہ ان کے قلبی احساسات،سچے جذبات،الفاظ اور زبان کی گہری معنویت،پر تاثیر اشاراتی کیفیات اور سب سے بڑھ کر تہذیبی میراث کا تحفظ ان کا مطمح نظر قرار دیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے ہمارے ادب،تہذیب و ثقافت اور تاریخ کی مستحسن اور عزیز ترین اقدار و روایات کو صیقل کیا ہے ان کی اس فکری و فنی کاوش نے متعدد تجربات،مشاہدات اور بصیرتوں کو پیرایہ ء اظہار عطا کیا ہے۔ ان کے سوتے ہمارے اسلاف کی فکری میرا ث سے پھوٹتے ہیں۔ ان کے مطالعہ سے قاری ان تمام مآخذ اور منابع سے آگہی حاصل کر لیتا ہے جن پر ابلق ایام کے سموں کی گرد پڑ چکی ہے۔ ہمارا معاشرہ اور فطرت کے تقاضے اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ رخش عمر مسلسل رو میں ہے انسان کا ہاتھ نہ تو باگ پر ہے اور نہ ہی اس کے پاؤں رکاب میں ہیں۔ ان تمام تناسبوں اور تقاضوں کو ہمیشہ مد نظر رکھنا چاہیے۔ شعوری سوچ اور گہرے غور و فکر کے بعد ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی نے موضوعاتی شاعری کو اپنے اسلوب کے طور پر اپنایا ہے۔ یہ سب کچھ تاریخی شعور کا مرہون منت ہے جو حدود وقت،زماں اور لا مکاں اور ارضی و سماوی قیود سے بالا تر ہے۔ ایک جری اور زیرک تخلیق کار اسی شعور کو رو بہ عمل لاتے ہوئے روایت کو استحکام عطا کرتا ہے۔ وہ اپنی داخلی کیفیت سے مجبور ہو کر کسی بھی موضوع پر بر جستہ اور فی البدیہہ لکھنے پر قادر ہیں۔ یہ ان کی قادر الکلامی کا ٹھوس ثبوت ہے۔ ان کا یہ اسلوب انھیں ممتاز اور منفرد مقام عطا کرتا ہے۔ ان کی تخلیقی فعالیت اور ادب پاروں سے اردو زبان وادب کی ثروت میں جو بے پناہ اضافہ ہوا ہے وہ تاریخ ادب کا ایک درخشاں باب ہے۔ ان کے بار احسان سے اردو زبان و ادب کے شیدائیوں کی گردن ہمیشہ خم رہے گی۔ ان کے فن پاروں کی حقیقی قدر و قیمت کا تعین کرتے وقت قاری اس بات پر ضرور توجہ دیتا ہے کہ تخلیق کار نے کامیاب ابلاغ کے تمام طریقے پیش نظر رکھے ہیں ان میں اسلوب کی انفرادیت،الفاظ کا عمدہ انتخاب،سادگی اور سلاست،خلوص اور صداقت شامل ہیں۔ ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی کی موضوعاتی شاعری کا حقیقی استحسان کرنے کے لیے ذوق سلیم کا ہونا اشد ضروری ہے۔ وہ تزکیہ نفس کی ایسی صورتیں تلاش کر لیتے ہیں کہ فریب سود و زیاں سے گلو خلاصی کے امکانات پیدا ہو جاتے ہیں۔ انھو ں نے مواد اور ہیئت کے جمالیاتی عناصر کو اس طرح شیر و شکر کر دیا ہے کہ ان کی موضوعاتی شاعر ی پتھروں سے بھی اپنی تاثیر کا لوہا منوا لیتی ہے۔ ان کی ادبی کامرانیوں کا اعتراف بہت ضروری ہے۔ تاریخ ہر دور میں اس نابغہ روزگار ادیب کے نام کی تعظیم کر ے گی۔
پچاس صفحات پر مشتمل ’’ برقی شعاعیں ‘‘ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی کی وہ معرکہ آرا تصنیف ہے جس میں انھوں نے تاریخ ادب میں پہلی بار ماحولیات کے تحفظ کے موضوع پر نظمیں لکھی ہیں۔ یہ تمام نظمیں برقی کتاب کی شکل میں انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہیں۔ سر سید احمد خان نے علی گڑھ تحریک کے ذریعے 1857میں بر صغیر پاک و ہند کے عوام کی فلاح اور ملت اسلامیہ کی تعلیمی ترقی کے لیے جو فقید المثال خدمات انجام دیں انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں
بیاد سر سید:
ہے یہ سر سید کا فیضان نظر
جس نے شہر علم کے کھولے ہیں در
جس گھڑی کوئی نہ تھا پرسان حال
تھی بھلائی قوم کی پیش نظر
ان کا برقی ہے یہ احسان عظیم
ہیں علوم عصر سے ہم باخبر
جدید اردو ادب ہو یا قدیم کلاسیکی ادب ان کا مطالعہ بہت وسیع ہے۔ وہ ہر موضوع پر بے تکان لکھتے چلے جاتے ہیں ا۔ پنے جذبات کا اظہار کرتے وقت وہ نہایت دل نشیں انداز میں تمام حقائق کو اشعار کے قالب میں ڈھالتے ہیں۔ مشتے از خروارے کے مصداق چند موضوعاتی نظموں سے منتخب اشعار پیش خدمت ہیں۔ ان کے مطالعہ سے تخلیق کار کے اسلوب کا استحسانی مطالعہ ممکن ہے۔
میر تقی میرؔ
میر کی شاعری میں ہے سوز دروں
منعکس جس سے ہوتا ہے حال زبوں
ان کا رنگ تغزل ہے سب سے جدا
آج بھی جس سے ملتا ہے ذہنی سکوں
مرزا اسداللہ خان غالبؔ
شہر دہلی میں ہے دیار غالب
یہیں واقع ہے مزار غالب
آج تک اردو ادب کے برقی
محسنوں میں ہے شمار غالب
شبنم رومانیؔ
چلے گئے شبنم رومانی بجھ گئی شمع شعر و سخن
اہل نظر کو یاد رہے گا ان کا شعور فکر و فن
ابن صفی ؔ
ابن صفی سپہر ادب کے تھے ماہتاب
اردو ادب میں جن کا نہیں ہے کوئی جواب
شاد عظیم آبادی
قصر اردو کے تھے ستوں شاد عظیم آبادی
فکر و فن کے تھے فسوں شاد عظیم آبادی
عمر خالدی
چل بسے اس جہاں سے عمر خالدی
درس حسن عمل تھی جن کی زندگی
راغب مراد آبادی
راغب مراد آبادی جہاں میں نہیں رہے
جو تھے جہاں اردو میں اک فخر روزگار
اردو ادب کو ان پہ ہمیشہ رہے گا ناز
جن کے نوادرات ہیں اردو کا شاہکار
ابن انشاؔ(شیر محمد)
ابن انشا کا نہیں کوئی جواب
ان کا حسن فکر و فن ہے لا جواب
ان کا طرز فکر و فن سب سے جدا
ان کا فن روشن ہے مثل آفتاب
ممتاز منگلوریؔ
ڈاکٹر ممتاز منگلوری بھی رخصت ہو گئے
کیوں نہ ہو دنیائے اردو ان کے غم میں سوگوار
ان کی تصنیفات ہیں اردو ادب کا شاہکار
ان کی ہیں خدمات ادبی باعث صد افتخار
صادقین
شاعر و خطاط و دانشور تھے سید صادقین
جن کا ہوتا تھا عظیم الشان لوگوں میں شمار
سر حدوں کی قید سے آزاد ہیں ان کے فنون
جن کے ہیں مداح اقصائے جہاں میں بے شمار
ڈاکٹر وزیر آغا
ستون اردو لرز رہا ہے نہیں رہے اب وزیر آغا
جسے بھی اردو سے کچھ شغف ہے وہ نام سے ان کے ہے شناسا
نقوش ہیں لازوال ان کے تمام اصناف فکر و فن میں
سبھی کو ہے اعتراف اس کا ادب کے محسن تھے وزیر آغا
مظفر وارثی
چھوڑ کر ہم کو ہو گئے رخصت مظفر وارثی
جن کی عملی زندگی تھی مظہر حب نبی
نعت گوئی میں تھے وہ حسان ثانی برملا
ان کی غزلیں اور نظمیں تھیں سرود سرمدی
ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی ایک راسخ العقیدہ مسلمان ہیں ان کی زندگی قرآن حکیم،اسلامی تعلیمات،توحید،رسالت اور سنت نبوی کے مطابق بسر ہو رہی ہے۔ ان کی موضوعاتی شاعری میں اس عشق کا بر ملا اظہار ملتا ہے۔ کسی قسم کی عصبیت ان کے اسلوب میں نہیں پائی جاتی۔ ان کا پیغام محبت ہے اور وہ اخوت کی جہانگیری اور محبت کی فراوانی کے مبلغ ہیں۔ اردو کی فنی اور جمالیاتی اقدار کے فروغ میں ان کا جو کر دار رہا ہے وہ لائق صد رشک و تحسین ہے۔ ان کی انفرادیت نے ان کو صاحب طرز ادیب کے منصب پر فائز کیا ہے۔ ان کے ادبی وجود کا اثبات اور استحکام ان کی جدت،تنوع اور انفرادیت کا مرہون منت ہے۔ وہ تقلید کی کورانہ روش سے دامن بچا کر نئے زمانے نئے صبح و شام پیدا کرنے کے متمنی ہیں ان کا خیال ہے کہ افکار تازہ ہی سے جہان تازہ کا سراغ ملتا ہے۔ ایسے زیرک اور فعال تخلیق کار کا ادبی کام قابل قدر ہے۔ انھوں نے اپنی مستعدی اور تخلیقی فعالیت سے جمود کا خاتمہ کیا اور دلوں کو مرکز مہر و وفا کرنے میں اہم کر دار ادا کیا۔ ان کے بارے میں یہ بات بلا خوف تردید کہی جا سکتی ہے کہ ادب کا کوئی دیانت دار نقاد ان کی اس تخلیقی فعالیت کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ انھوں نے قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں بھی انسانیت کے وقار اور سر بلندی کو اپنا شعار بنا رکھا ہے۔ ان کی شاعری اور اسلوب جس حسین اور دلکش انداز میں قاری کے شعور کو وسعت اور ذہن و ذکاوت کو لطافت سے فیض یاب کرتا ہے وہ ان کے بلند پایہ تخلیق کار ہونے کی دلیل ہے۔ ان کی موضوعاتی شاعری کی باز گشت تا ابد سنائی دیتی رہے گی۔
پڑھتے پھریں گے گلیوں میں ان ریختوں کو لوگ مدت رہیں گی یاد یہ باتیں ہماریاں
٭٭٭
رد تشکیل ( DECONSTRUCTION) : ایک مطالعہ
پس ساختیات سے آگے رد تشکیل نے فکر و نظر کی کایا پلٹ دی۔ رد تشکیل متن کے عمیق مطالعہ کے دوران میں اثر پذیری اور ابلاغ کے عمل پر اس انداز میں گرفت کرتی ہے کہ جس کے زیر اثر دئیے گئے متن میں پائے جانے والے مبہم،متضاد اور ناموافق مفاہیم و مطالب کی بھول بھلیوں اور دور کی کوڑی لانے کے موہوم مفروضوں اور سرابوں سے یقینی طور پر نجات حاصل کر کے ایک ایسے واحد منطقی کل کی جانب مراجعت کو یقینی بنایا جائے جس کی بدولت تفہیم اور تعبیر کی نئی صورتیں سامنے آتی چلی جائیں۔ اس سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آ جاتی ہے کہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے رد تشکیل نے کورانہ تقلید کی روش کو بیخ و بن سے اکھاڑ پھینکنے کی مقدور بھر کوشش کی۔ رد تشکیل نے ساختیاتی اور پس ساختیاتی فکر سے کہیں آگے بڑھ کر فلسفیانہ مباحث کو موضوع بنا کر فکر و نظر کے نئے دریچے وا کر دیئے۔ بادی النظر میں یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ جہاں ساختیاتی فکر نے متن کے مدار میں رہتے ہوئے مفاہیم تک رسائی کی راہ متعین کی اور اس بات پر اصرار کیا کہ متن پر کامل دسترس کے ذریعے گنجینۂ معانی کے طلسم کی گرہ کشا ئی ممکن ہے وہاں پس ساختیاتی فکر نے اس انداز فکر کو لائق اعتنا نہیں سمجھا اور اس جانب توجہ دلائی کہ ساختیاتی فکر کی متن اور مفہوم کے حوالے سے کوئی امید بر نہیں آتی اور نہ ہی انھیں موثر ابلاغ کی کوئی صورت نظر آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ساختیاتی فکر متن کے مفہوم کے بارے میں محض اندھیرے میں ٹامک ٹوئیے مارنے کے علاوہ کچھ نہ کر سکی۔ ساختیات نے سوسیئر(SAUSSURE) کے مطابق معنی نما اور معنی کو دو الگ الگ نظاموں سے تعبیر کیا،جنھیں باہم مربوط کیا جا سکتا ہے۔ یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ جب دو الگ الگ نظام باہم مربوط کیے جا تے ہیں تو معنی کی وحدت کا تصور ہی عنقا ہو جاتا ہے۔ پس ساختیات نے نشان کی وحدت کو دو لخت کر کے ثابت کر دیا کہ لفظ اور معنی کی وحدت کا کوئی امکان سرے سے موجود ہی نہیں۔ ہر لفظ اپنے مفاہیم اور مطالب کے ابلاغ کے لیے متعدد دوسرے الفاظ کا رہین منت ہے۔ پس ساختیاتی فکر نے متن کے معانی کے تعین کو ایک آمرانہ اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل قرار دیتے ہوئے اسے لائق استرداد قرار دیا۔
رد تشکیل اس وقت اپنا اثر دکھاتی ہے جب متن کے متعین کیے ہوئے معانی میں تقلیدی عنصر کے مسموم اثرات کے باعث تکرار،کج روی اور تنسیخ و تکذیب کے باعث تمام پس منظر ہی دھندلا جائے۔ ان حالات میں رد تشکیل کا بت شکن رویہ الفاظ و معانی کے نظام کہنہ کی گرتی ہوئی عمارت کو مکمل طور پر منہدم کر کے فرغلوں میں لپٹے ہوئے معانی اور متن کی کلیت کو پاش پاش کر دیتا ہے۔ تا ہم یہ امر ملحوظ خاطر رہے کہ رد تشکیل نے بنیادی طور پر اس جانب توجہ دلائی کہ جب تک الفاظ و معانی کی تفہیم کے سلسلے میں ایک باغیانہ روش نہیں اپنائی جاتی نہ تو افکار تازہ کی ترویج ممکن ہے اور نہ ہی جہان تازہ تک رسائی کی کوئی صورت پیدا ہو سکتی ہے۔ رد تشکیل کے ممتاز علم بردار اور نامور امریکی نقاد جے ہیلیس میلر(J. Hillis Miller)نے اپنے ایک مضمون بعنوان ’’Stevens , Rock and Criticism as Cure‘‘ مطبوعہ 1976 میں لکھا ہے :
"Deconstruction is not a dismantling of the structure of a text, but a demonstration that it has already dismantled itself .Its apparently solid ground is no rock but thin air."
رد تشکیل کی ابتدا 1966 میں ہوئی۔ سائنسی طریق کار کو رو بہ عمل لانے میں دلچسپی رکھنے والے اور سائنسی انداز فکر اپنانے وا لے با ذوق قارئین کے لیے یہ امر خوشگوار حیرت کا سبب بنے گا کہ جس طرح حیاتیات میں DNAدوہرے غلاف میں ملفوف زندگی کی تمام تر معنی خیزی کا احساس و ادراک پیدا کرتا ہے اسی طرح لفظ بھی اپنے اندر تہہ در تہہ معانی کا گنجینہ سمیٹے ہوئے ہوتا ہے۔ جس طرح خزاں اور بہار کے سیکڑوں مناظر ہوتے ہیں اسی طرح گفتگو((Discourseکے بھی متعدد پہلو ہوتے ہیں جن کی اثر آفرینی کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے۔ یہ نوعیت کے لحاظ سے کثیر الجہتی،مخالف یا متضاد سمتوں اور مخصوص بیانیہ کے مدار میں پیہم سر گرم سفر رہتے ہیں۔ رد تشکیل کو علم و ادب پر نافذ کرنے کے سلسلے میں سب سے زیادہ کام امریکہ میں کیا گیا۔
رد تشکیل کے بنیاد گزاروں میں جیکوئس دریدا ( JACQUES DERRIDA )کا نام اولیت رکھتا ہے۔ جیکوئس دریدا (8 Oct 1930 to 15 July 2004)
کا تعلق الجیریا سے تھا۔ اس نے فرانس میں اپنے علم و فضل کی بدولت بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ اس کے اسلوب پر چار سو کتب لکھی گئیں اور پانچ سو سے زائد تحقیقی مقالات یورپ کی جامعات میں تحریر کیے گئے۔ دریدا نے 1966 میں جانز ہا پکنز یو نیورس (Johns Hopkins University)میں Structure ,Sign and Play in the Discourse of Human Sciencesکے موضوع پر جو تحقیقی مقالہ پیش کیا وہی اس کے فکر و فلسفے کی بنیاد بن گیا۔ اس طرح اس کی شہرت پوری دنیا میں پھیل گئی۔ آج پوری دنیا میں اس رجحان ساز ادیب اور مفکر کے خیال افروز مباحث کے چرچے ہیں اور ہر لحظہ نیا طور نئی دکے معجز نما اثر سے اٍنرح ا برق تجلی کی کیفیت سے اذہان کی تطہیر و تنویر کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ رد تشکیل کے معجز نما اثر سے دریدا نے صدیوں سے علم و ادب کے شعبوں پر مسلط مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کی اس پیر شاہی(Hierarchy) کے خلا ف پہلی مرتبہ ایک دبنگ لہجے میں بات کی اور اس طرح حریت فکر کے جذبہ سے سرشار آزادانہ سوچ کی راہ ہموار کر کے فکر و نظر کو اس طرح مہمیز کیا کہ دلوں کو مرکز مہر و وفا کرنے میں مدد ملی۔
اپنی نوعیت کے کے اعتبار سے رد تشکیل کو فلسفہ کے ایک ایسے مکتبہ فکر کی حیثیت حاصل ہے جس نے تقلید کی مہلک روش سے نجات حاصل کی اور خضر کا سودا چھوڑنے پر مائل کیا۔ فلسفہ کے اس دبستان نے 1960کے اواخر میں اپنی حیثیت کو تسلیم کرایا۔ رد تشکیل نے مغرب کی مابعد الطبعیاتی فکری روایت کے بارے میں صحیح صورت حال کی وضاحت کی۔ اگر رد تشکیل کا بنظر غائر جائزہ لیا جائے تو اس حقیقت کا ادراک ہوتا ہے کہ یہ اس نے بیسویں صدی کی فکری، نظری اور فلسفیانہ تحریکوں پر ایک سنجیدہ رد عمل کی صورت میں اپنی اہمیت کو تسلیم کرایا بالخصوص سوسئیر کی ساختیاتی فکر کے خلاف رد تشکیل کو ایک رد عمل کی حیثیت حاصل ہے۔ اس کے علاوہ فرائڈ اور لاکاں کی تحلیل نفسی کے متعلق بھی رد تشکیل نے ایک رد عمل کی صورت اختیار کر لی۔ رد تشکیل نے متن کے مطالعہ کو ایک طرز خاص عطا کی۔ اس کے ذریعے تنقید کو ایک منفرد جہت نصیب ہوئی۔
رد تشکیل کو ایک ایسی اصلاح سے تعبیر کیا جاتا ہے جو کہ متن کا مطالعہ ایک خاص زاویہ نگاہ سے کرنے پر اصرار کرتی ہے یہ دراصل تنقید کا ایک طریق کار بھی ہے اور اس کے ذریعے تحلیل و تجزیہ اور دریافت کے نئے اسالیب سامنے آتے ہیں۔ رد تشکیل کو متن کی تباہی یا بربادی پر محمول کرنا درست نہیں۔ اپنی اصلیت کے لحاظ سے تو یہ متن کے اصل معانی کے قریب تر ہوتا ہے۔ جب کسی لفظ کی اصل توضیح و تصریح ہی اس کا مطمح نظر قرار دیا جاتا ہے۔
رد تشکیل کا حقیقی ہدف یہ ہے کہ لفظ کے ان تمام معانی کو غیر مؤثر قرار دیا جائے جو کہ اس کی اصل معانی پر مسلط کر دیئے گئے ہیں۔ یہاں متن کے انہدام کا کوئی تصور نہیں ہے۔ یہ امر ملحوظ رہے کہ اگر رد تشکیل کے ذریعے کسی چیز کو مکمل انہدام کے قریب پہنچایا جاتا تو وہ متن ہر گز نہیں بلکہ یہ تو اسی مفروضے کو منہدم کرتا ہے جو غیر حقیقی متن کی صورت میں لفظ پر غلبہ حاصل کر کے حقیقی مفہوم کو غارت کرنے کا سبب بنتا ہے اس طرح نشان نما کا ایک طریقہ دوسرے پر غالب ہو کر لفظ کو پہلے سے بہتر ابلاغ سے متمع کرتا ہے۔
رد تشکیل کی اصطلاح سب سے پہلے 1967میں استعمال ہوئی۔ دریدا نے اپنی شہرہ آفاق کتاب "Of Grammatology" میں اس کا حوالہ دیا۔ جب اس نے زبان کی تفہیم اور متن کی تحریر کے بارے میں مباحث کا آغاز کیا۔ اس کا خیال تھا کہ بیانیہ کی نسبت تحریری متن کی تفہیم سہل ہے۔ دریدا نے لکھا:
Writing thus enlarged and radicalized, no longer issues from a logos. Further, it inaugurates the destruction, not the demolition but the de-sedimentation, the de-construction, of all the significations that have their source in that of the logos."(2)
رد تشکیل کا مفصل مطالعہ کرنے سے اس حقیقت کا انکشاف ہوتا ہے کہ اس کے دو پہلو خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ سب سے پہلے تو اس پہلو پر دھیان دینا ہو گا کہ وہ کون سے اسرار و رموز ہیں جن کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک نقاد اپنی ناقدانہ بصیرت کے اعجاز سے تخلیق کار کے متعین کردہ اس تمام نظام اقدار کو منہدم کرتا ہے جسے تخلیق کار نے اپنے فکر و فن کی اساس بنایا اور تخلیقی عمل کا قصر عالی شان تعمیر کیا۔ دریدا نے یہاں مصنف اور اس کی تمام کار کردگی کو رد تشکیل کا ہدف بنایا۔ اس کے ساتھ ہی اس نے ساختیاتی تنقید کے دئیے گئے تمام نقوش مٹانے کی ٹھان لی اور اس طرح قدیم مغربی افکار کو بھی رد تشکیل کے ذریعے منہدم کرنے کی تدبیر کی جنھیں مابعد الطبیعات کی اساس کا درجہ دیا جاتا تھا۔ دریدا کا خیال تھا کہ اس عالم آب و گل کے تمام عوامل فریب سود و زیاں کے سوا کچھ نہیں۔ اس نے یہاں تک کہا کہ جو کچھ آنکھ دیکھتی ہے وہ بھی محض سراب ہے۔ بقول شاعر ؎
ہیں کواکب کچھ نظر آتے ہیں کچھ دیتے ہیں دھوکا یہ بازی گر کھلا
انسانی دماغ کو اللہ تعالی نے اس صلاحیت سے متمتع کیا ہے کہ اس میں فکر و خیال کی شمع ہمیشہ فروزاں رہتی ہے اور تخیل کی جولانیاں دکھانے کا مرحلۂ شوق کبھی طے نہیں ہوتا۔ رد تشکیل نے جب تمام نظام اقدار کو منہدم کرنے کی راہ دکھائی تو بعض لوگوں کے ذہن میں یہ خیال پیدا ہوا کہ یہ عمل تو حقائق کی گرہ کشائی کے سلسلے میں محض ایک نشان منزل ہے۔ زمان و مکاں اور بھی ہیں جہاں خرد کی گتھیاں سلجھانے میں اہل علم و دانش گہری سوچوں میں غلطاں ہیں۔ ان مراحل کے مابین ایک ماندگی کا وقفہ ہے۔ ماندگی کے اس وقفے کو غنیمت سمجھ کر زندگی کی حقیقی معنویت کی تفہیم کے لیے دم لے کر آگے بڑھنا ہی مطمح نظر ہونا چاہیے۔ زندگی اور موت کے راز تمام کارکر ہائے سربستہ کون جان سکا ہے لیکن اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ
موت بھی در اصل ایک ماندگی کا وقفہ ہی تو ہے۔ بقول شاعر ؎
موت اک ماندگی کا وقفہ ہے یعنی آگے چلیں گے دم لے کر
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رد تشکیل کا اس بات پر اصرار ہے کہ ساخت کے انہدام کے بعد معانی تک رسائی کے لیے مزید کسی جدو جہد کی ضرورت نہیں۔ رد تشکیل کا دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ جب رد تشکیل کا علم بردار نقاد حریت فکر کے جذبات سے سرشار ہو کر تخلیقی تحریروں اور تصانیف کے اندر پائی جانے والی فکری کجی کو شدت سے محسوس کرتا ہے اور اس کا قلع قمع کرنے کے لیے مقدور بھر کوشش کرتا ہے تو وہ معنوی ابہام،عدم ابلاغ اور بے اعتدالیوں کو منظر عام پر لاتا ہے۔ تخلیق فن کے لمحوں میں تخلیق کار کا واسطہ جس دروں بینی اور بیروں بینی سے پڑتا ہے اس کے تمام اسرار و رموز وہ نہایت صراحت سے بیان کرتا ہے۔ تخلیق کار کے ذہن میں جو خیالات آتے ہیں اکثر لوگوں کے نزدیک انھیں الہام کا درجہ حاصل ہوتا ہے۔ غالب نے کہا تھا
آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں غالبؔ صریر خامہ نوائے سروش ہے
تخلیق کار روح میں اتر جانے والی اثر آفرینی کی بدولت پتھروں سے بھی اپنے افکار کی تاثیر کا لوہا منوا لیتا ہے اور یہی زبان و بیان پر اس کی خلاقانہ دسترس کا ثمر ہے۔ پرورش لوح و قلم ایک ایسی فعالیت ہے جس میں ایک تخلیق کار خون جگر کی آمیزش سے قطرے میں دجلہ اور جزو میں کل کا منظر دکھانے پر قادر ہے۔ وہ اپنے جذبات احساسات،تجربات اور مشاہدات کو اس طرح الفاظ کے قالب میں ڈھالتا ہے کہ اس کی تخلیق روح عصر کی ترجمان بن جاتی ہے۔ جہاں تک رد تشکیل کی باغیانہ روش کا تعلق ہے وہ ان تمام عوامل کو لائق اعتنا نہیں سمجھتا۔ رد تشکیل کو اس بات سے غرض نہیں کہ تخلیقی عمل کن جذبات کا مرہون منت ہے اس کا تو ایک ہی مطمح نظر ہے کہ تصنیف اور تخلیق کے ساتھ ساتھ اس کے خالق کو کس طرح منہدم کیا جائے تاکہ معنی خیزی کی آزادانہ روش کے درمیاں کوئی چیز حائل نہ رہے۔ وہ اسے روشنی کا سفر قرار دیتے ہیں ان کے بقول جو بھی روشنیوں کی راہ میں دیوار بنے گا وہ نہیں رہے گا۔ اس کا جانا ٹھہر گیا ہے ،صبح گیا یا شام گیا۔ رد تشکیل ایسے عوامل کو خاطر میں نہیں لاتا۔ رد تشکیل میں لفظ کے معانی کو جن مراحل سے گزرنا پڑتا ہے دریدا نے اس پر توجہ مرکوز کی اور نہایت صراحت کے ساتھ لفظ اور اس کی معنویت کی حقیقی صورت حال کو واضح کیا۔ دریدا نے رد تشکیل کی اصلیت اور طریق کار کے بارے میں اپنے نقطۂ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا ہے :
"In a traditional philosophical opposition we have not a peaceful coexistence of facing terms but a violent hierarchy .One of the terms dominates the other(axiologically, logically, etc.), occupies the ,commanding position. To deconstruct the opposition is above all ,at a particular moment, to reverse the hierarchy -----through a double gesture ,a double science, a double writing, put into practice a reversal of the classical opposition and a general displacement of the system. It is on the condition alone that deconstruction will provide the means of intervening in the field of oppositions it criticizes and which is also a field of non-discursive forces." (3)
دریدا نے ازمنہ قدیم کے فلاسفروں کے افکار اور بنیادی مفروضات پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے ان پر گرفت کی اور انھیں رد تشکیل کے ذریعے دلائل کے ساتھ بے دخل کر کے جریدۂ عالم پر اپنا دوام ثبت کر دیا۔ اس کی خواہش تھی کہ عصری آگہی کو فروغ دیا جائے اور معاصرین کے افکار میں تقلید کی روش کے باعث جو فکری کجی راہ پا گئی ہے ان سے گلو خلاصی کی کوئی صورت پیدا کی جائے۔ مابعد الطبیعات پر مبنی مغرب کے فکری و فلسفیانہ تصورات پر دریدا نے کڑی تنقید کی اور اس بات پر زور دیا کہ صوت مرکزیت کی اساس پر استوار ہونے والے اور اس کے حصار میں مقید رہنے والے فکری دھارے اپنی بے سمتی کے باعث منزل تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ دریدا کا کہنا تھا کہ جب زبان کی تفہیم کا محض تحریر پر انحصار ہو تو اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ زبان کے سوتے زبان کو رو بہ عمل لانے والے شخص کے خیالات سے نہیں پھوٹتے۔ اگر کوئی شخص اپنی انفرادی بول چال میں جب کسی زبان کو وسیلہ اظہار بناتا ہے تو اس سے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ وہ اشارات کا ایک بیرونی نظام رو بہ عمل لا رہا ہے۔ اپنی اصلیت کے لحاظ سے یہ وہ نظام ہے جو جداگانہ حیثیت میں اپنا وجود بر قرار رکھے ہوئے ہے اور یہ تمام نشانات احاطہ ء تحریر میں لائے جاتے ہیں۔ جہان تک زبان کے مفاہیم کا تعلق ہے تو اس کا آغاز اس فرد کے خیالات سے نہیں ہوتا جو کہ زبان کے وسیلے سے اظہار اور ابلاغ کی صورتیں تلاش کرتا ہے ،کیونکہ وہ تمام خیالات تو پہلے ہی زبان کے اندر سرایت کر چکے ہوتے ہیں اور ان کا اظہار کسی فرد کی جانب سے کی گئی اظہار کی سعی سے نہیں ہوتا۔ زبان کا انفرادی سطح پر استعمال کرنے والے ایک خاص نظام معانی کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ابلاغ کی متنوع صورتیں تلاش کرتے ہیں۔ الفاظ اور معانی کا نظام دراصل بیرونی عناصر کی عطا ہے اس سے یہ حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ کسی لفظ کے معانی کا تعین کرنا انفرادی سطح پر زبان کو استعمال کرنے والے کے دائرہ کار سے باہر ہے اور اسے نہ تو اس عمل تک حقیقی رسائی حاصل ہو سکتی ہے اور نہ ہی یہ اس کی دسترس میں ہے۔
رد تشکیل کا جائزہ لینے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ متن کے معانی اور مطالب کا صحیح انداز میں تعین انفرادی سطح کے تحکمانہ انداز سے کرنا غیر حقیقی طرز عمل ہے جسے مستند نہیں سمجھا جا سکتا۔ جہاں تک متن کی تخلیق نو کا تعلق ہے یہ بھی بغیر کسی مشکل کے محض قاری کے رد عمل سے نہیں ہو سکتی۔ معانی کے تعین کے سلسلے میں یہ امر لازم ہے کہ ان کا تعین واقعتاً کسی حد تک تصریح،گفتگو اور ترجمہ کے اسالیب کے انجذاب اور اس کی روح کو اپنے اندر سمو لینے ہی سے ممکن ہے۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ رد تشکیل کا مرحلہ طے کرتے ہوئے قطرے پہ گہر ہونے تک کیا گزرتی ہے۔ یہ امر اچھی طرح ذہن نشین کر لینا چاہیے کہ معانی کے تعین کی احتیاج قاری کو اس سمت لے جاتی ہے جہاں تصریح کی دانش ورانہ سرگرمی قاری کے لیے ایک نا گزیر ضرورت کے طور پر سامنے آتی ہے اور بادی النظر میں صرف قاری ہی اس اہم ذمہ داری سے عہدہ بر آ ہونے کی استعداد رکھتا ہے۔ یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب زبان کی تفہیم بحیثیت متنی تحریر کے ممکن ہو اس مقصد کے لیے رد تشکیل کا سہارا لیا جاتا ہے۔
دریدا نے رد تشکیل پر جو معرکہ آرا کام کیا اس کا انسلاک مکمل طور پر بالعموم ما بعد جدیدیت سے کیا جاتا ہے۔ مابعد تھیوری اور مابعد رویہ مختلف انواع میں سامنے آتا ہے جسے سماجی اور معاشرتی زندگی کے مختلف شعبوں میں بروئے کار لایاجا سکتا ہے۔ ان سب میں ایک باغیانہ اور بت شکن قسم کا رویہ دکھائی دیتا ہے۔ جس کے پس پردہ وہ تمام جذبات و احساسات موجود ہیں جن کا تعلق اس دور کی ظلمت میں ہر قلب پریشاں کے اضطراب سے براہ راست ہے۔ خیال کے لفظی اور یا علامتی اظہار ہی کو لے لیں آج بھی انسانیت کو گمبھیر مسائل کا سامنا ہے۔ زندگی کی اقدار عالیہ کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔ غربت، افلاس، جہالت، بیماری اور معاشی مسائل کے لا ینحل مسائل اور استحصالی عناصر کی شقاوت آمیز نا انصافیوں نے مظلوم اور بے بس انسانیت کو آلام روزگار کے مہیب پاٹو ں میں پیس کر رکھ د یا ہے۔ ان حالات میں فرد پر جو کچھ بیت جاتا ہے اور جو صدمے اس پر گزرتے ہیں ان کا جاننا اور دوسروں کو ان سے آگاہ کرنا در اصل دروں بینی کی ایک صورت ہے اور اسے ایک ذاتی گواہی کی حیثیت سے نہایت معتبر خیال کیا جاتا ہے۔ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ گردش روز و شب اور آئینہ ایام کے ہمیشہ دو رخ ہوتے ہیں مثال کے طور پر مستند،غیر مستند،متعلق،غیر متعلق،صداقت،واہمہ، حقیقت اور افسانہ قاری انہی سے مطالب و معانی اخذ کرنے کی کوئی صورت تلاش کرنے کی سعی کرتا ہے۔ اسے معلوم ہوتا ہے کی معنی کے سوتے یہیں سے پھوٹتے ہیں۔ غاؔلب نے بجا طور پر اس جانب توجہ دلائی تھی۔ ؎
گنجینۂ معانی کا طلسم اس کو سمجھیے جو لفظ کہ غالبؔ میرے اشعار میں آوے
لفظ کی اہمیت کا ایک طویل تاریخ،تہذیبی اور کلاسیکی پس منظر ہے۔ تاریخ کے ہر دور میں اس کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ اردو کلاسیکی شاعری میں بھی اس موضوع پر فکر انگیز اور خیال افروز حوالے موجود ہیں جو فکر و نظر کو اک ولولۂ تازہ عطا کرتے ہیں۔ میر تقی میرؔ نے کہا تھا ؎
طرفیں رکھے ہے ایک سخن چار چار میر ؔ کیا کیا کہا کریں ہیں زبان قلم سے ہم
میر انیسؔ نے لفظ کی اہمیت اور قاری کے لیے اس کی تفہیم کے مرحلے کا نہایت دلنشیں انداز میں اپنے اس شعر میں ذکر کیا ہے۔ اس سے یہ احساس ہوتا ہے کہ ایک تخلیق کار الفاظ کے مختلف معنی کے ذریعے دھنک رنگ منظر نامہ مرتب کر کے شاعری کو ساحری کے مرتبے تک پہنچا دیتا ہے۔ ؎
گلدستۂ معانی کو نئے ڈھنگ سے باندھوں اک پھول کا مضموں ہو تو سو رنگ سے باندھوں
اسی خیال کو دریدا نے صراحت کے ساتھ بیان کیا ہے اس نے لکھا ہے :
"The hierarchy of binary opposition always reconstitutes itself."
رد تشکیل کے ذریعے دریدا نے جہاں مابعد الطبیعات پر مبنی تصورات کو چیلنج کیا وہاں قدیم تصورات کی روشنی میں اپنے لیے ایک الگ اور منفرد راہ کا تعین کیا ہے۔ اس ک اصرار ہے کہ قدیم روایات نے جن معانی کا تعین کیا ہے معنویت کا مسئلہ اس کہیں آگے تک جاتا ہے۔ بقول غالب ؎
ہے پرے سرحد ادراک سے اپنا مسجود قبلہ کو اہل نظر قبلہ نما کہتے ہیں
واقعہ یہ ہے کہ معنی اور تصور معنی کے علاوہ معنی نما کا یہی معاملہ رد تشکیل کا در وا کرتا ہے۔ تاریخی اعتبار سے دیکھیں تو یہ بات واضح ہے کہ وہ تمام مفاہیم جن پر ابلق ایام کا سموں کی گرد پڑ گئی تھی دریدا نے انھیں دریافت کرنے کی راہ دکھائی۔ افکار تازہ سے مزین یہ انداز فکر جہان تازہ کی نوید لایا جس کا پیغام یہ تھا کہ لفظ مرکزیت کا تصور کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ اس کے ساتھ ہی معانی کا ایک تہہ در تہہ سلسلہ بھی سامنے آیا جس نے نئے زمانے نئے صبح و شام پیدا کرنے کی تمنا بیدار کر دی۔ یہ سب کچھ الفاظ کی نئی معنویت کا ثمر ہے۔ غالب کے اس شعر میں لفظ کی معنویت کا یہی موضوع سامنے آتا ہے۔ ؎
اب میں ہوں اور ماتم یک شہر آرزو توڑا جو تو نے آئینہ تمثال دار تھا
رد تشکیل نے تنقید کو حوصلے ،حریت فکر اور جرات اظہار کی ڈگر پر چلنے کا عزم صمیم عطا کیا۔ اس طرح نقاد کو قلزم معانی کی غواصی کا حوصلہ نصیب ہوا جس کے اعجاز سے فارمولا سازی اور اور ادعائیت کے تار عنکبوت سے گلو خلاصی کے امکانات پیدا ہوئے۔ رد تشکیل نے یہ ب اور کرانے کی مقدور بھر کوشش کی کہ زبان ایک ساختیاتی ڈھانچہ ہے جس میں انفرادی نشانات کے مطالب و مفاہیم کا ابلاغ نشانات کے باہمی افتراقات سے ہوتا ہے۔ اس طرح یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ محض الفاظ اپنے طور پر معنی کی ترسیل میں خود کفیل ہر گز نہیں بلکہ الفاظ اس منفرد نوعیت کے نظام سے مربوط ہوتے ہیں جو ایک وسیع تر ڈھانچے کی صورت میں پہلے سے موجود ہوتا ہے جو معانی کا در کھلنے کا پیش خیمہ بن جاتا ہے۔ یہ بات قابل فہم ہے کہ زبان کے جملہ مفاہیم اور مطالب کا انحصار مجموعی طور پر زبان کے وسیع ساختیاتی ڈھانچے پر ہے اور اسے کسی شعوری تجربے کے ذریعے وجود میں نہیں لایا جا سکتا۔ رد تشکیل نے سیاق و سباق کے حوالے سے بھی متعدد اہم امور کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ سچی بات تو یہ ہے کہ سیاق و سباق سے کامل آگہی کے بغیر کسی نتیجے تک پہنچنا بعید از قیاس ہے۔ نکولس رائل نے لکھا ہے :
"Context, here can be speech, life, the world, the real, history, and what not, in which case ,to quote Derrida ,deconstruction would be the effort to take this limitless context into account ,to pay the sharpest and broadest attention possible to context and thus to an incessant movement of recontextualization. Again here we have the double gesture of the sharpest and broadest, attention an affirmation of the significance of minuscule detail and of interminable overrun. No meaning can be determined out of context, but no context permits saturation"
اس سے یہ بات معلوم ہو جاتی ہے کہ لسانی معانی کسی طرح بھی عالمی طور پر مسلمہ موضوعات گفتگو پر سیر حاصل بحث کرنے کی استعداد سے عاری ہیں۔ ان کا دامن اتنا کشادہ نہیں کہ اس میں آفاقی موضوعات کہ جگہ دی جا سکے۔ گفتگو اور اس کے پس پردہ کارفرما عوامل کے بارے میں رد تشکیل کے جو نظریات ہیں وہ دور رس اثرات کے حامل ہیں۔ جب بھی کسی متن کو رد تشکیل کے ذریعے تنقید کی نئی جہات سے آشنا کرنے کی سعی کی جاتی ہے تو اس کی کوکھ سے نئے معانی کے گہر ہائے آبدار بر آمد ہوتے ہیں۔ اس سے یہ تاثر قوی تر ہو جاتا ہے کہ بعض معانی تو خود تخلیق کار کی نظروں سے بھی اوجھل رہ جاتے ہیں۔ رد تشکیل نے انھیں منصہ شہود پر لانے کی راہ دکھائی۔ یہ منفرد اور اجتہادی رویہ ایک نئی دنیا سے متعارف کرانے کا وسیلہ ثابت ہوا۔ اسے افکار تازہ کا نقیب گردانا جاتا ہے جس نے جہان تازہ تک رسائی کے امکانات کو یقینی بنانے کا ولولہ پیدا کیا۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے صحیح کہا تھا ؎
جہان تازہ کی افکار تازہ سے ہے نمود کہ سنگ و خشت سے ہوتے نہیں جہاں پیدا
حوالہ جات / ماخد
1. Ross Murfin : The Bedford Glossary of Critical and Literary Terms ,Bedford Books London 1998, Page 76.
2. Derrida, J., 1978. Of Grammatology. Trans. G. C. Spivak. Baltimore and London: Johns Hopkins University Press. p.10.
Jonathan Culer : On Deconstruction, Routledge,London,1994, Page 85- 3.
Jonathan Culer : On Deconstruction,,Rotledge London, 1994 ,Page 172. 4.
5. Nicholas Royle: Jacques Derrida ,Routledge London ,2003 ,Page 65-
تبصرہ
تذکرہ:کتابی سلسلہ شمارہ :۲ مارچ ۲۰۱۰ خصوصی اشاعت
مقام اشاعت : کراچی۔ پاکستان
مؤسس مدیر اعلیٰ:سید محمد قاسم
مرتبین اعزازی: منظر عارفی،انور جاوید ہاشمی
تبصرہ نگار :ڈاکٹر غلام شبیر رانا
اردو زبان کے ادبی مجلات نے تہذیب الاخلاق سے تذکرہ تک جو ارتقائی سفر طے کیا ہے وہ ہر لحاظ سے لائق صد رشک و تحسین ہے۔ قارئین میں مثبت شعور و آگہی پروان چڑھانے اور فکر و نظر کو مہمیز کرنے کے سلسلے میں علمی و ادبی مجلات کا کر دار ہمیشہ مسلمہ رہا ہے۔ عالمی ادب کا بنظر غائر جائزہ لینے سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ علمی و ادبی مجلات کے مطالعہ سے قاری کو ذرے سے آفتاب بننے کے وافر مواقع میسر ہوتے ہیں۔ پاکستان میں ایسا ہی ایک وقیع ادبی مجلہ تذکرہ‘ ہے جو نہایت باقاعدگی کے شائع ہو کر قارئین کے اذہان کی تطہیر و تنویر کا مؤثر اہتمام کر رہا ہے۔ حال ہی میں اس رجحان ساز ادبی مجلے کا تازہ شمارہ شائع ہوا ہے۔ دو سو چوبیس صفحات پر مشتمل یہ مجلہ اپنی مجموعی صورت میں گنجینہ معانی کا طلسم ہے ،تمام تحریریں بے پناہ افادیت کی حامل ہیں۔ مضامین کا تنوع اور ثقاہت کا کرشمہ ید بیضا کا معجزہ دکھاتا ہے۔ اس مجلے میں شامل ہر تحریر کا ڈسکورس اپنی روح میں اتر جانے والی اثر آفرینی کی بدولت پتھروں سے بھی اپنی تاثیر کا لوہا منوا لیتا ہے۔ سید محمد قاسم کا اداریہ عصری آگہی کی عمدہ مثال ہے۔ ان کی باتیں خون بن کر رگ سنگ میں اترتی چلی جاتی ہیں۔ آج کے دور کا المیہ یہ ہے کہ چربہ ساز،سارق،کفن دزد اور جید جہلا جامہ ابو جہل میں ملبوس رواقیت کے داعی بن بیٹھے ہیں۔ انسانیت کی توہین،تذلیل،تضحیک اور بے توقیری ایسے سفہا کا وتیرہ ہے۔ مشکوک نسب کے یہ اجلاف و ارزال اپنی جہالت کا انعام پا کر آپے سے باہر ہو جاتے ہیں اور مجبوروں کے چام کے دام چلا کر لذت ایذا حاصل کرتے ہیں۔ سید محمد قاسم کا خلوص اور دردمندی قلوب کو مسخر کرنے پر قادر ہے۔ ایسے نابغہ روزگار دانشور اقوام عالم کے لیے بہت بڑا اثاثہ ہیں۔ فروغ علم و ادب کے لیے ان کی خدمات کا ایک عالم معترف ہے۔
ان کے قلم میں اس قدر طاقت اور مسحور کن اثر آفرینی ہے کہ گلدستہ معانی کو نئے ڈھنگ سے باندھ کر ایک پھول کا مضمون سو رنگ سے باندھنا ان کے اشہب قلم کا کمال ہے۔
منظر عارفی کا شمار عالمی ادب کے ممتاز اور نامور تخلیق کاروں میں ہوتا ہے۔ حمد اور نعت کی اصناف شعر میں ان کی تخلیقی کامرانیوں نے ان کو مقاصد کی رفعت میں ہمدوش ثریا کر دیا ہے۔ ان کے نعتیہ مجموعے ’’اللہ کی سنت ‘‘ کو سال۲۰۱۰ میں پاکستان میں منعقد ہونے والی قومی سیرت کانفرنس میں اعلیٰ ترین قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس شمارے میں شامل ان کا حمدیہ اور نعتیہ کلام پڑھ کر دل مرکز مہر و وفا ہو کر حریم کبریا سے آشنا ہو جاتے ہیں۔ توحید اور رسالت پر ان کا کامل ایمان اور راسخ ایقان ان کے اشعار کا امتیازی وصف ہے۔ حمد اور نعت کا ایک شعر علی الترتیب پیش ہے :
اس فضل بے پناہ پر اترا رہا ہوں میں مالک ترا کرم ہے کہ بندہ ترا ہوں میں (حمد)
بھر پور اعتماد سے یہ کہہ رہا ہوں میں آقا حضورﷺ آپ کا بس آپ کا ہوں میں (نعت)
منظر عارفی نے تحقیق اور تنقید کے شعبوں میں بھی اپنی خداداد صلاحیتوں کا بھر پور اظہار کیا ہے۔ ان کی مدلل تحریروں سے اردو نثر کی ثروت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ اس شمارے میں ان کی تین بلند پایہ تحریریں شامل ہیں۔ مفسر قرآن مفتی محمد شفیع(۱۸۹۷۔ ۔ ۔ ۱۹۷۶)کی حیات و خدمات پر ان کا عالمانہ تجزیاتی مضمون سوانح نگاری کا نہایت عمدہ معیار سامنے لاتا ہے۔ پیر سید محمد شاہ محدث ہزاروی کی دینی خدمات پر منظر عارفی نے ایک تحقیقی مضمون لکھا ہے۔ اس مضمون میں انھوں نے دستاویزی تحقیق کے تمام تقاضوں کو ملحوظ رکھا ہے۔ آج کے دور میں ہمارے ساتھ المیہ یہ ہو رہا ہے کہ تحقیق اور تنقید کو اردو کے کچھ نادان دوستوں نے بازیچہ ء اطفال بنا کر رکھ دیا ہے۔ رومانویت اور تدوین کے نام پر وہ گل کھلائے جا رہے ہیں کہ ناطقہ سر بگریباں اور خامہ انگشت بدنداں رہ جاتا ہے۔ وہ سرقہ باز جعل ساز جنھیں پس دیوار زنداں ہونا چاہیے تھا ایسے شیخ چلی قماش کے فاتر العقل اور آسو بلا کو شیخ الجامعہ بنتا دیکھا گیا۔ منظر عارفی کی تحقیق اور تنقید نے وقت کے ایسے اعصاب شکن حادثات سے بچنے کی راہ دکھائی ہے۔ معاصرین کے بارے میں منظر عارفی کی رائے ہمیشہ بے لاگ ہو تی ہے اس کی ایک مثال سلمان عزمی کے بارے میں ان کی تعارفی نوعیت کی تحریر ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ مستقبل کے جملہ امکانات سے بخوبی آگاہ ہیں اسی لیے انھوں نے سلمان عزمی کی شخصیت اور اسلوب پر کھل کر بات کی ہے۔ ایسے با ہمت اور با صلاحیت نوجوان بلا شبہ امید فردا ہیں۔
ایام گزشتہ کی کتاب کے اور اق پلٹیں تو علی گڑھ تحریک اور اس سے وابستہ متعدد یگانہ روزگار فاضل اپنے افکار کی ضیا پاشیوں سے سفاک ظلمتوں کو کافور کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ علی گڑھ تحریک نے ۱۸۵۷ کی ناکام جنگ آزادی کے بعد بر صغیر کے مظلوم عوام کو مکمل انہدام سے بچا کر جو عظیم خدمت انجام دی وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔ اس خطے کے تمام با ضمیر انسانوں کی گردنیں علی گڑھ تحریک سے وابستہ مشاہیر کے بار احسان سے ہمیشہ خم رہیں گی۔ ان مشاہیر میں سید سلیمان ندوی کا نام ممتاز مقام رکھتا ہے۔ ڈاکٹر سید عبدالباری سلطان پور نے اس شمارے میں سید سلیمان ندوی کے تنقیدی نظریات کو موضوع بحث بنایا ہے۔ اردو تنقید کے ارتقا پر نظر ڈالیں تو علامہ شبلی نعمانی کی معرکہ آرا تصنیف شعر العجم کلیدی اہمیت کی حامل قرار دی جاتی ہے۔ سید سلیمان ندوی نے اپنے استاد شبلی نعمانی کے تنقیدی نظریات سے بھر پور استفادہ کیا۔ انھوں نے اپنے عظیم استاد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے علم و ادب کی شمع فروزاں رکھی اور سیرت،سوانح،تاریخ اور تنقید کو عصری آگہی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ایک فقید المثال کارنامہ انجام دیا۔ فاضل مقالہ نگار نے سید سلیمان ندوی کے اسلوب تنقید کا جس بے لاگ انداز میں تجزیہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ اس وقیع تنقیدی و تحقیقی مضمون کے مطالعے سے قاری سید سلیمان ندوی کی کثیر الجہات شخصیت اور متنوع اسلوب کے بارے میں صحیح معلومات حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے۔ اس مضمون کی اہمیت و افادیت مسلمہ ہے۔ مضمون کی ثقاہت کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے۔ تذکرہ میں گل و ثمر تلاش کرنے کا سلسلہ بہت خوب ہے اس طرح خار و خس تلف کرنے میں مدد ملتی ہے۔ گلشن ادب کو لفاظ حشرات سخن کی چیرہ دستیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ عالمی کلاسیک کے کارہائے
نمایاں پر عمیق نگاہ ڈالی جائے۔ اس سلسلے میں تذکرہ گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔
معظم اقبال برنی کا مضمون’’ سید محمد ارتضیٰ المعروف ’’ملا واحدی‘‘ اس شمارے کا ایک اور اہم مضمون ہے۔ ملا واحدی نے قریباً پانچ عشروں تک خون دل دے کر ادب میں نکھار پیدا کیا۔ سیرت،سوانح اور تاریخ کے شعبوں میں ان کی خدمات تاریخ کا ایک درخشاں باب ہیں۔ وہ افق ادب پر مثل آفتاب ضو فشاں رہے۔ زندہ قومیں اپنے مشاہیر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ انھوں نے تخلیق ادب کو ایک علمی رویے سے تعبیر کیا۔ ان کے ادبی کمالات کے بارے میں یہ بات بلا خوف تردید کہی جا سکتی ہے کہ جہاں تک مواد کا تعلق ہے ان کی نوعیت اجتماعی ہے۔ ملا واحدی اجتماعی زندگی کے مسائل سے موضوعات اور مواد کشید کرتے ہیں ،جہاں تک اسلوب کا تعلق ہے اسے بہر حال انفرادی نوعیت حاصل ہے۔ ملا واحدی کی شخصیت ان کے اسلوب میں واضح دکھائی دیتی ہے۔ ان کا اسلوب ان کی ذات ہے جو انھیں اپنے معاصرین سے ممتاز اور منفرد حیثیت عطا کرتا ہے۔
ڈاکٹر محمد حمید اللہ کا نام تاریخ کے طالب علموں کے لیے اجنبی نہیں۔ تاریخ میں انھیں اب کلاسیک کا درجہ حاصل ہو چکا ہے۔ اس ابد آشنا مورخ کے اسلوب میں آفاقیت،مخصوصیت اور اثر آفرینی کی جو مسحور کن کیفیت ہے وہ قاری کو اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔ انھوں نے اپنے عہد کے تمام واقعات،حالات اور معاشرتی زندگی کے جملہ ارتعاشات کو جس خلوص اور دردمندی کے ساتھ زیب قرطاس کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ ڈاکٹر سید سلیمان ندوی کی اس یادگار تحریر کو انور جاوید ہاشمی نے اردو کے قالب میں ڈھا لا ہے۔ لائق مترجم نے ترجمے کو تخلیق کی چاشنی عطا کر کے فن کی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔ مجھے یہ مضمون پڑھ کر دلی مسرت ہوئی۔ ڈاکٹر محمد حمید اللہ نے تاریخ کے مسلسل عمل پر ہمیشہ اپنی توجہ مرکوز رکھی۔ ہمارے ساتھ المیہ یہ رہا ہے کہ تاریخی عمل پر ہماری توجہ ہی نہیں۔ تاریخ کا ایک سبق تو یہ بھی ہے کہ تاریخ سے آج تک کوئی سبق سیکھنے کی کوشش ہی نہیں کی گئی۔ زندگی کے ساتھ بھی ایسا ہی المیہ وابستہ رہا ہے۔ بعض لوگوں کے خیال میں زندگی ایک ایسی غیر ملکی زبان کے مانند ہے جس کا صحیح تلفظ ادا کرنا کسی شخص کی دسترس میں نہیں۔ ایک زیرک مورخ کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد حبیب اللہ نے بڑے زوروں سے اپنے آپ کو منوایا۔ ان کی جگر کاوی ان کی تحریر کے ایک ایک لفظ سے عیاں ہے۔ یہ مضمون یاد نگاری اور سوانح نگاری کے امتیاز سے حسن و خوبی کا ارفع معیار سامنے لاتا ہے۔ ڈاکٹر محمد حبیب اللہ جیساحریت فکر کا مجاہد اب کہاں ؟
تمھارے بعد کہاں وہ وفا کے ہنگامے کوئی کہاں سے تمھارا جواب لائے گا
تذکرہ کے اس شمارے میں منظر عارفی کے اسلوب شعر پر دو بلند پایہ مضامین شامل اشاعت ہیں۔ منظر عارفی نے اپنے چونکا دینے والے اسلوب سے ادبی حلقوں میں خوب پذیرائی حاصل کی ہے۔ ایسے جری تخلیق کار کو خراج تحسین پیش کرنا بہت ضروری ہے۔ پہلا مضمون ’’گم شدہ تہذیب کا متلاشی ‘‘ کے عنوان سے ڈاکٹر مزمل حسین نے تحریر کیا ہے۔ ڈاکٹر مزمل حسین کا یہ تجزیاتی مضمون منظر عارفی کی شاعری کے ارضی اور ثقافتی حوالوں کی تفہیم میں بے حد ممد و معاون ہے۔ ایک وسیع المطالعہ نقاد ہونے کے ناتے ڈاکٹر مزمل حسین نے تنقید کے جدید ترین اصولوں کی روشنی میں منظر عارفی کے اسلوب کا نہایت کامیاب اور دلنشیں تجزیہ پیش کیا ہے۔ دوسرا مضمون ’’نپی تلی شاعری کا شاعر ‘‘ کے عنوان سے مایہ ناز نقاد ڈاکٹر عزیز انصاری نے تحریر کیا ہے۔ اس مضمون میں محترم ڈاکٹر عزیز انصاری نے انگریزی ادب اور فرانسیسی تنقیدی نظریات کو رو بہ عمل لاتے ہوئے ساختیات اور پس ساختیات کے اصولوں کو ملحوظ رکھا ہے۔ اس طرح یہ مضمون جدید ادب کے طالب علموں کے لیے فکر و نظر کے نئے دریچے وا کرتا چلا جاتا ہے۔ یہاں مناسب ہو گا کہ منظر عارفی کے چند اشعار درج کر دیئے جائیں تا کہ قارئین اس قادر الکلام شاعر کے بلند پایہ اور منفرد اسلوب کا استحسان کر سکیں :
اک خاص زاویے سے ہمیں سوچنا یہ ہے
انسانیت کے ہاتھ سے کیا کچھ نکل گیا
کیا بلا خیز ہے یہ شہر جہاں حال یہ ہے
خون کا گھونٹ نہیں خون پیا جاتا ہے
اہلِ تحقیق مری قوم سے آ کر سیکھیں
وقت کس طرح فرا موش کیا جاتا ہے
کبھی دل کو خون کر کے ، کبھی دم غبار کر کے
میں سنوارا جا رہا ہوں ، رگِ جاں فگار کر کے
مرا اختیار لے کر۔ مجھے آزمانے والے
کبھی امتحاں سے گزریں ،مجھے اختیار کر کے
مجھ کو جینے سے بہت دور نہ کر دیں حالات
خود کشی پر مجھے مجبور نہ کر دیں حالات
یہ بھی ممکن ہے اسے ذہن میں رکھیے ہر دم
دفعتاً مجھ کو مسرور نہ کر دیں حالات
تہمتیں جب کسی کے سر رکھنا
اپنے دامن پہ بھی نظر رکھنا
گفتگو میں کوئی مقابل ہو
اپنے لہجے کو معتبر رکھنا
ہجرتوں کا عذاب کیوں سہتے
خود کو ہوتا جو در بدر رکھنا
سید محمد قاسم نے اس شمارے میں ایک اہم مضمون میں ڈاکٹر عبدالحق خان حسرت کاسگنجوی کی شخصیت اور اسلوب فن پر مدلل انداز میں اظہار خیال کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالحق خان حسرت کاسگنجوی کا شمار عالمی شہرت کے حامل مایہ ناز پاکستانی ادیبوں اور دانشوروں میں ہوتا ہے۔ وہ اپنی ذات میں ایک انجمن ہیں۔ لطیف آباد حیدرآباد سندھ میں مقیم اردو زبان و ادب کے اس بے لوث خادم نے تخلیق ادب میں وہ کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں جن کا پوری دنیا میں اعتراف کیا گیا ہے۔ وہ گزشتہ نصف صدی سے پرورش لوح و قلم میں مصروف ہیں۔ تیس کے قریب وقیع تصانیف کے ذریعے انھوں نے اردو ادب کی ثروت میں اضافہ کیا ہے۔ یہ مضمون سپاس گزاری کی عمدہ مثال ہے۔ تاریخ ہر دور میں ایسے نابغہ روزگار ادیب کے نام کی تعظیم کرے گی۔
حسن حمیدی نے ۱۹۳۶ کی ترقی پسند تحریک کے تناظر میں حریت ضمیر سے جینے کی راہ دکھائی۔ سید محمد مہتاب عالم نے اپنے مضمون میں حسن حمیدی کی شخصیت اور اسلوب شعر کو موضوع بنایا ہے۔ قیام پاکستان کے بعد سے پاکستانی قوم کو جن لرزہ خیز اعصاب شکن حالات سے گزرنا پڑ ا ہے اِن کے تصور ہی سے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ ظالم و سفاک،موذی و مکار استحصالی طبقے نے ا پنے مکر کی چالوں سے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ چور محل میں پروان چڑھنے والے سانپ تلے کے بچھو،آسو بلا قماش کے جید جاہل اور شباہت شمر جیسی رذیل طوائفیں زندگی کی اقدار عالیہ اور انسانیت کے در پئے آزار ہیں۔ ایسے ننگ انسانیت بے غیرت اور بے ضمیر وحشیوں نے رتیں بے ثمر،آہیں بے اثر،کلیاں شرر،زندگیاں پر خطر،عمریں مختصر اور آبادیاں خوں میں تر کر دی ہیں۔ حسن حمیدی کی شاعری ضمیر کی للکار اور حریت فکر و عمل کے لیے جہد و عمل کی پیکار ہے۔ جس معاشرے میں جاہل کو اس کی جہالت کا انعام مل جائے ،جامۂ ابو جہل میں ملبوس شیخ چلی قماش کا ناصف بقال شیخ الجامعہ کے منصب پر غاصبانہ قبضہ کر لے اور یہ فاتر ا لعقل،مخبوط الحواس جنسی جنونی رواقیت کا داعی بن بیٹھے وہاں زندگی کی رعنائیاں گہنا جاتی ہیں۔ ایسے عالم میں بے بس و لاچار انسانیت اپنے ارمانوں کی لاش اپنے ہی کاندھوں پر اٹھائے افتاں و خیزاں شاہراہ حیات پر اپنا سفر جاری رکھنے پر مجبور ہیں۔ ہیں۔ مسلسل شکست دل کے باعث ایک مستقل نوعیت کی بے حسی نے ہر شعبہ زندگی پر اپنے مسموم اثرات مرتب کیے ہیں۔
ادبی مجلہ تذکرہ نے مکتبی تنقید کے فرسودہ تصورات کو بیخ و بن سے اکھاڑ پھینکنے اور مکتبی نقادوں کے بے سروپا خیالات کے تار عنکبوت سے گلو خلاصی کی مقدور بھر کوشش کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تذکرہ میں کثیرالمعنویت کا مسحور کن کرشمہ قلب و نظر کو مسخر کر لیتا ہے۔ نامور فرانسیسی نقاد رولاں بارتھ نے کہا تھا:
’’مکتبی تنقید متن کے صرف متعینہ معنی کو صحیح سمجھتی ہے اور نہایت ڈھٹائی سے اس پر اصرار کرتی ہے۔ متعینہ معانی تو صرف لغوی ہو سکتے ہیں اور ادب میں اکثر و بیشتر بیہودگی کی حد تک غلط ہوتے ہیں۔ ‘‘(بحوالہ پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر رانا:اردو تحقیق پر ایک نظر،سہ ماہی صحیفہ،لاہور،دسمبر ۲۰۰۵،شمارہ ۱۸۳،صفحہ۵۔ ‘‘
مکتبی نقادوں کی واقفیت محدود،خیالات مسروقہ اور ذہنی سطح قابل رحم حد تک پست ہوتی ہے یہ لوگ سادیت پسندی اور ادعائیت کا شکار ہو کر بزعم خود قادر مطلق بن بیٹھتے ہیں۔ جب تک ان کی فرعونیت،آمریت اور جہالت کو تہس نہس نہ کر دیا جائے اس وقت تک فروغ گلشن و صوت ہزار کا موسم دیکھنے کا خواب شرمندہ ء تعبیر نہیں ہو سکتا۔ تذکرہ نے حریت فکر اور جرات اظہار کی جو فقید المثال روایت اپنائی ہے ،وہ ہر اعتبار سے قابل قدر ہے۔ جدید اردو ادب کے قارئین کے لیے یہ بانگ درا قرار دی جا سکتی ہے۔
سید مہتاب عالم نے جس دردمندی اور خلو ص کے ساتھ حریت فکر کے عظیم مجاہد حسن حمیدی کی شخصیت اور اسلوب کو موضوع بحث بنایا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ یہ مضمون اسلوبیاتی تنقید کی عمدہ مثال ہے۔ حسن حمیدی نے ہوائے جور و ستم میں بھی رخ وفا بجھنے نہ دیا۔ وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ کاروان حسینؑ کو ہمیشہ سے صعوبتوں کا سفر درپیش رہا ہے۔ جب کہ وقت کے نمرود،یزید،ہلاکو خان،ناصف بقال خان،صباحتو کمر اور رنگو قماش کے ساتا روہن اور سفہا ہر دور میں کوڑے کے ڈھیر سے جاہ و منصب کی ہڈیاں سونگھتے پھرتے ہیں۔ جب یہ خارش زدہ سگان راہ اور مشکوک نسب کے کرگس عقابوں کے نشیمن میں گھس جاتے ہیں تو غریبوں کی امیدوں کی فصل غارت اور صبح و شام کی محنت اکارت کر دیتے ہیں۔ یہ متفنی سیل زماں کے تھپیڑوں کو یکسر فراموش کر دیتے ہیں اور فطرت کی تعزیروں کو بھی لائق اعتنا خیال نہیں کرتے۔ حسن حمیدی کی شاعری خلوص اور دردمندی کے جذبات سے مزین ہے۔ وہ تیشہ ء حرف سے فسطائی جبر کے ایوان کی بنیادوں کو منہدم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
تاریخ کل کسی کا حوالہ تو دے سکے
جو بات کہہ رہے ہو وہی بات لکھ تو لو
یارو سرِورق پہ مرا نام مت لکھو
تحریر بولتی ہے کہ تحریر کس کی ہے
یہ قتل گاہوں کے دامن پہ جگمگاتا لہو
یہ شاہراہ وفا پر قدم بڑھاتا لہو
میرا شیوہ تو فقط خواب ہے حسن
صرف زنجیر کی آواز جگا دیتی ہے
ہر اک سحر صرف ایک خواہش نے آنکھ کھولی
کسی کے چہرے پہ اب نہ گرد ملال دیکھیں
اپنے ناموں کو بھی پوشیدہ رکھا
کتنے آ زاد قلم ہیں ہم تم
مجھے یقیں نہیں اس دور کج کلاہی میں
ابھی جو بیٹھا تھا میرے قریب زند ہ ہے ؟
کہاں پہ رشتۂ دیوار میں الجھے ہو
قفس تو ا پنے مکینوں کو جانتا بھی نہیں
شا ید اس بار پرندوں کا ہجوم
سنگ ریزوں سے نہ برہم ہو گا
تذکرہ میں شامل تنقیدی مضامین اپنی نوعیت کے اعتبار سے امتزاجی تنقید کا ارفع ترین معیار پیش کرتے ہیں۔ یہ مجلہ معاصر ادبی تنقید کے جملہ امکانات کا امین ہے۔ ممتاز علی نے ’’پٹنہ یونیورسٹی:ایک دلچسپ مطالعہ ‘‘کے عنوان سے اس جامعہ کے شب و روز پر نظر ڈالی ہے۔ جی خوش ہوا کہ پٹنہ یونیورسٹی میں زندگی کی اقدار عالیہ کو پروان چڑھانے کی مساعی جمیلہ رنگ لا رہی ہیں۔ پاکستان میں پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیاں متعدد مسائل کا شکار رہی ہیں۔ جی۔ سی۔ یونیورسٹی فیصل آباد میں ایک جید جاہل فلسفی نے (۲۰۰۲تا ۲۰۰۶)شیخ الجامعہ بننے کے بعد جو گل کھلائے اس پر تہذیب و شائستگی،اخلاقیات اور قوانین آج تک سر بگریباں ہیں۔ اس ایک شخص(ڈاکٹر آصف اقبال خان)نے پوری جامعہ کو یرغمال بنا کر مجبوروں اور مظلوموں کے چام کے دام چلائے۔ اور ایک تاریخی مادر علمی کو عقوبت خانے ،چنڈو خانے ،قحبہ خانے اور بیگار کیمپ میں بدل دیا۔ متعدد نابغہ روزگار دانشور اس کینہ پرور شخص کی بے رحمانہ مشق ستم اور شقاوت آمیز نا انصافیوں کی بھینٹ چڑھ کر در بدر اور خاک بسر کر دئیے گئے۔ اس فرعون کے غاصبانہ دور اقتدار میں اسے جرنیلی بندوبست کے تحت مکمل تحفظ حاصل تھا۔ دہشت گردوں ،انڈر ورلڈ(Under World) اور ڈرگ مافیا کے بل پر اس ابلیس نژاد نے جن گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کیا اخبارات کے صفحات ان سے بھرے پڑے ہیں ،مگر جہاں جنگل کا قانون نافذ ہو وہاں مظلوم اور درویش کی فغاں کون سنتا ہے ؟اس المیے کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر منظور حسین سیالوی اکثر محسن بھو پالی کے یہ شعر پڑھا کرتے تھے :
جاہل کو اگر جہل کا انعام دیا جائے اس حادثۂ وقت کو کیا نام دیا جائے
مے خانے کی توہین ہے رندوں کی ہتک ہے کم ظرف کے ہاتھوں میں اگر جام دیا جائے
’’ خاک میں پنہاں صورتیں ‘‘ تذکرہ کا ایک مستقل سلسلہ ہے۔ ہماری محفل شعر و ادب کے وہ ہم نفس جو اس عالم آب و گل سے تو چلے گئے مگر ہمارے دل کے نہاں خانے میں آج تک ان کے افکار کی بازگشت سنائی دیتی ہے۔ ہم مٹی میں چراغ رکھ دیتے ہیں تا کہ زمیں کے اندر کی ہولناک تاریکی دور ہو۔ کتنے آفتاب و ماہتاب ہمارے دیکھتے دیکھتے قبروں میں سما گئے ،چاند چہرے شب فرقت پر وار دئیے گئے۔ تقدیر قدم قدم پر انسانی تدبیر کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ رخش عمر مسلسل رواں دواں ہے ہم اس قدر بے بس ہیں کہ نہ تو ہمارا ہاتھ باگ پر ہے اور نہ ہی پا رکاب میں ہے۔ کیسے کیسے گنج ہائے گرا ں مایہ اس لئیم خاک کی نذر ہو گئے۔ سید محمد قاسم نے اس وقیع حصے میں داغ مفارقت دینے والے ادیبوں کو یاد کیا ہے۔ ٰ یادِ رفتگاں کا یہ سلسلہ اثر آفرینی کے لحاظ سے بے مثال ہے۔ سید محمد قاسم نے اپنے ایک اور تحقیقی مقالے میں کراچی کے ایک سو سولہ (116 )مرحوم نعت گو شعرا کی یادوں کو نہایت دلنشیں انداز میں سمیٹا ہے۔ ان کی تحریر کا ایک ایک لفظ روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والی اثر آفرینی سے لبریز ہے۔ یہ سب وہ نام ہیں جن کے افکار کی ضیا پاشیوں سے اکناف ادب کا گوشہ گوشہ بقعۂ نور بن گیا۔ آج یہ قبر کے اندر کہیں تہہ ظلمات پڑے ہیں ان کی یاد تازہ کر کے فاضل مقالہ نگار نے ایک عظیم کارنامہ انجام دیا ہے۔
سید محمد قاسم کی تحریریں قاری کے روح کی تفسیریں بن جاتی ہیں۔ انھوں نے عدم کی بے کراں وادیوں کی جانب رخت سفر باندھنے والے ادیبوں ،شاعروں اور دانش وروں کو جس خلوص اور دردمندی کے ساتھ یاد کیا ہے وہ ان کی عظمت فکر،انسانی ہمدردی اور علم و ادب کے ساتھ والہانہ وابستگی کا ثبوت ہے۔ ان دونوں مضامین کو ایک بنیادی ماخذ کے طور پر صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔ مستقبل کا محقق ان مآخذ سے استفادہ کر کے مطالعۂ احوال کو وسعت دے سکے گا۔ معاصرین کے متعلق تمام حقائق کو جمع کرنا اور ان کی جانچ پرکھ کرنا ایک کٹھن مرحلہ ہے۔ سید محمد قاسم نے ادیبوں کی شخصیت،اسلوب اور زندگی کے تمام مراحل پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں نفسیاتی،جمالیاتی اور عمرانی پہلوؤں کو خاص طور پر پیش نظر رکھا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ تخلیقی عمل میں تناظر کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔ جب کسی تخلیق کا مطالعہ تخلیق کار کے اسوب اور اس کی شخصیت کے تناظر میں کیا جاتا ہے تو گنجینۂ معانی کے طلسم کی گرہ کشائی کے امکانات روشن تر ہوتے چلے جاتے ہیں۔ دریدا کا خیال تھا:
Meaning is context but context is boundless
تذکرہ مجموعی طور پر ایک جامع اردو مجلہ ہے۔ اس میں شامل تمام تحریریں معیار و وقار کی رفعت سے آشنا ہیں۔ سید محمد قاسم،انور جاوید ہاشمی اور منظر عارفی نے جس محنت اور جگر کاوی سے کام لیتے ہوئے اس مجلے کو نکھار عطا کیا وہ قابل تعریف ہے۔ شاعری اور قارئین کے مکاتیب کا حصہ بھی بھر پور ہے۔ اس مجلے کے قلمی معاونین میں دنیا کے نامور ادیب شامل ہیں۔ اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے اس وقت جو کام ہو رہا ہے اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ اردو کے تمام مجلات کو انٹرنیٹ پر پیش کیا جانا چاہیے۔ میری معلومات کے مطابق اس وقت جو ادبی مجلات انٹرنیٹ پر آن لائن قاری کے مطالعہ کے لیے دستیاب ہیں ان میں علی گڑھ یونیورسٹی کا علمی و ادبی مجلہ ’’دیدہ ور‘‘،الاقربا اسلام آباد،ادب لطیف لاہور اور منشور کراچی قابل ذکر ہیں۔
فروغ علم و ادب کے حوالے سے اردو کے ادبی مجلات نے ہر عہد میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ آج کا دور سائنس اور ٹیکنالوجی کے عروج کا دور ہے۔ ادبی مجلات کو عالمی سطح کے سرچ انجن مثال کے طور پر یاہو(Yahoo) اور گوگل(Google)کے تعاون سے اردو کی یادگار تحریریں انٹرنیٹ پر ضرور پیش کرنی چاہییں۔ چند روز قبل مجھے یو ٹیوب(You tube)پر مضامین پطرس سننے کا موقع ملا۔ یہ مضامین نامور صداکار ضیا محی الدین کی آواز میں پیش کیے گئے ہیں اسی طرح اردو لائف نے بھی اردو کے عظیم شعرا کا کلام ان کی اپنی آواز میں ویڈیو(Video)کی صورت میں پیش کر کے قابل قدر کارنامہ انجام دیا ہے۔ تذکرہ کی اشاعت سے اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت میں بے پناہ مدد ملی ہے۔ اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ دنیا بھر سے ممتاز اہل قلم کی وقیع آراء اور مکاتیب اس مجلے کی زینت بنے ہیں۔ قارئین کے خطوط صحت مند تنقید کی عمدہ مثال ہیں۔ حصہ منظومات اس مرتبہ بھی حسب سابق بھر پور ہے۔ حمد،نعت اور غزل کا یہ حسین گلدستہ پڑھ کر اس کی مہک سے قریہ ء جاں معطر ہو گیا۔ عالمی معیار کا یہ مجلہ دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔
آج کے دور میں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ انسانیت کے وقار اور سربلندی کو ہر صورت میں مقدم قرار دیا جائے۔ انسانی آزادی دراصل آزادیِ تحریر کی مرہون منت ہے۔ فسطائی جبر کی بے رحمانہ مشق ستم کے باعث آج کا تخلیق کار شدید کرب و اضطراب میں مبتلا دکھائی دیتا ہے۔ اندھیر نگری کے کالے قوانیں اور اس پر طرفہ تماشا یہ کہ سائیں سائیں کرتے جنگل کی مہیب فضا میں متاع لوح و قلم چھین لینے کی مذموم کوششیں جاری رہتی ہیں۔ ان لرزہ خیز حالات میں تخلیق کار الفاظ کو فرغلوں میں لپیٹ کر پیش کرنے پر مجبور ہے۔ اس کے باوجود صبح پرستوں کی ہمیشہ سے یہ روایت چلی آ رہی ہے کہ وہ یا تو ہاتھوں میں قلم تھام کر اور خون دل میں انگلیاں ڈبو کر ید بیضاکا معجزہ دکھاتے ہیں یا شقی القلب فراعنہ کو چیلنج کرتے ہیں کہ اگر ان میں قوت ہے تو ان کے ہاتھ قلم کر دیں اس مقتل میں حریت فکر کے مجاہدوں کی سوچ ایک سدا بہار لہکتی ڈال کے مانند ہے۔ تذکرہ کے قلمی معاونین کی تحریریں پڑھ کر دلی مسرت ہوئی کہ ان جلیل القدر ادیبوں نے لفظ کی حرمت کو ہر حال میں ملحوظ رکھا ہے۔ مظلوم،محروم اور مجبور انسانیت سے عہد وفا استوار رکھنا ہی علاج گردش لیل و نہار ہے۔ یہ ہر با ضمیر ادیب کا مطمح نظر ہونا چاہیئے کہ ہر آزمائش میں حرف صداقت لکھ کر عظمت انسان کا اقرا کیا جائے گا۔ بہ قول احمد ندیم قاسمی:
کچھ نہیں مانگتے ہم لوگ بہ جز اذن کلام
ہم تو انسان کا بے ساختہ پن مانگتے ہیں
لمحہ بھر کو لبھا جاتے ہیں نعرے لیکن
ہم تو اے اہل وطن درد وطن مانگتے ہیں
٭٭٭
نقطۂ نظر
پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر رانا
اسلوب کی تفہیم
یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ ایک تخلیق کار جب پرورش لوح و قلم کا فریضہ
انجام دیتا ہے تو وہ قلب اور روح کی گہرائیوں سے اس کو نمو
بخشتا ہے۔ تخلیق ادب کے سلسلے میں یہ بات پیش نظر رکھنا ضروری ہے کہ
ادب پارے اس وقت معرض وجود میں آتے ہیں جب تخلیق کار
اپنے دل پہ گزرنے والی ہر کیفیت کو الفاظ کے قالب میں ڈھالے۔ ایک
نیا ادب پارہ جب منصۂ شہود پر آتا ہے تو اس کا برا ہ راست تعلق ایام گزشتہ
کی تخلیقات سے استوار ہو جاتا ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ کلاسیکی ادب کے
ساتھ لمحۂ موجود کی تخلیقات ایک درخشاں روایت کی صورت میں منسلک ہیں
ایک مثالی نظام ہمہ وقت رو بہ عمل لایا جاتا رہا ہے جس کی بدولت تخلیق کار
کی منفرد سوچ سے آگاہی ہوتی ہے۔ تخلیقی اظہار کے متعدد امکانات ہو ا کرتے
ہیں۔ ایک زیرک،فعال اور مستعد تخلیق کار اپنے صوابدیدی اختیارات کو
استعمال کرتے ہوئے ان میں سے کسی ایک کو اپنا ما فی الضمیر بیان
کرنے کے لیے منتخب کرتا ہے یہی اس تخلیق کار کا اسلوب قرار پاتا ہے۔ سیف
الدین سیف نے کہا تھا :
سیف انداز بیاں بات بدل دیتا
ہے
ورنہ دنیا میں کوئی بات نئی بات نہیں
اس حقیقت کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے کہ ایک تخلیق کار
تخلیق فن کے لمحوں میں جب اپنے اشہب قلم کی جولانیاں
دکھاتا ہے تو تخلیق فن کے اسے فعال جذبے کو بالعموم غیر شخصی تصور کیا
جاتا ہے۔ بادی النظر میں یہ بات واضح ہے کہ تخلیق کار کے لیے غیر
شخصی معیار تک رسائی بہت کٹھن مرحلہ ہے۔ اس مرحلے پر وہ تخلیق ادب کو اپنی
اولین ترجیح سمجھتے ہوئے اپنے ذات کے بجائے فن پر اپنی توجہ مرکوز کر دیتا
ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ دردو غم اور مصائب کا ایک غیر مختتم
سلسلہ تخلیق کار کو ہر وقت بیدار رکھتا ہے۔ تخلیق کار پر یہ
بات بہت جلد واضح ہو جاتی ہے کہ اس کی شخصیت کی نسبت تخلیق ادب کو زیادہ
اہمیت حاصل ہے۔ اس کی تخلیقات کو دوام حاصل ہو گا اور انھی کی بدولت
اس کا نام بھی زندہ رہے گا۔ اسلوب در اصل ایک تخلیق کار کے تخلیقی
تجربوں کا آئینہ دار ہوتا ہے جسے دیکھ کر اس تخلیق کار کی شخصیت کے
جملہ اسرار و رماز کی گرہ کشائی ممکن ہے۔ اسلوب کے ذریعے ایک نقاد کو یہ
موقع ملتا ہے کہ وہ تخلیق اور اس کے لاشعوری محرکات کے بارے
میں سمجھ سکے۔ مسائل عصر اور حال کے تقاضوں کے بارے
میں ادیب جو کچھ محسوس کرتا ہے اسلوب اس کو منعکس کرتا ہے۔ اسلوب کے
ذریعے تخلیق کار کی ذاتی ترجیحات سے آگاہی ہوتی ہے۔ ایک مؤثر اور
جان دار اسلوب کا حامل تخلیق کار معاشرتی زندگی میں اپنے وجود کا
خود اثبات کرتا ہے۔ ممتاز نقاد والٹر پیٹر نے کہا تھا
Style is a certain absolute and unique means of expressing a thing in all its intensity and colour‘‘۱
۱بہ حوالہ عبداللہ ڈاکٹر سید : اشارات تنقید،مقتدرہ قومی زبان،اسلام آباد،1993،صفحہ 268
٭٭٭
بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)