آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (72,446 الفاظ)

نکتگو

یاہو گروپ علی گڑھ اردو کلب میں شروع کئے گئے سلسلے کے کچھ مضامین

محمد طارق غازی

دیباچہ

گزشتہ دنوں یونہی بیٹھے بیٹھے خیال آیا کہ کبھی کبھی آپ لوگوں سے نُکتَگوٗ رہا کرے۔
در اصل یہ مخفف بنایا ہے نکتہ اور گفتگو سے، یعنی کسی علمی، دینی، ادبی، سماجی، اخباری نکتہ پر مختصر گفتگو، تھوڑے سے الفاظ میں اظہار خیال، رائے زنی، یا کسی پرانی یاد کا تذکرہ۔ میں نے بس اسی کو نکتگو قرار دیا ہے۔
اقبال اکیڈیمی حیدرآباد کے ششماہی مجلہ اقبال ریویو کا تازہ شمارہ آیا تو اس میں محسن عثمانی اور معین الدین عقیل کے مضامین میں ایسے کئی نکات سامنے آئے جن پر گفتگو نہ سہی خود کلامی کی ضرورت محسوس ہوئی۔ ایسا زندگی میں پہلی بار نہیں ہوا۔ لڑکپن سے بعض تحریروں پر تحسین اور تعریف، تنقید اور تعریض، تصدیق اور تردید کرنے کی عادت ہے۔ کسی کتاب یا مضمون کا مطالعے کر کے یا کرتے ہوئے اس پر فوراً کچھ لکھ ڈالا، کبھی کسی کاپی میں، کبھی بے شیرازہ اوراق پریشاں پر، کبھی کسی پرزے پر۔ کبھی ان پر اصل مضمون یا کتاب کا حوالہ ہوتا تھا، کبھی نہیں ؛ کبھی ارتجالاً محض اپنی رائے کا اظہار خود اپنے لئے۔ چنانچہ ایسی تحریروں پر کوئی حوالہ بھی نہیں ہوتا تھا۔ ایک عرصہ کے بعد ایسا کوئی پرزہ یا کاپی دوبارہ سامنے آئی تو اکثر یہ طے کرنا بھی دشوار ہوا کہ وہ تحریر اور رائے میری ہے یا کسی اور کی بات بلا حوالہ یادداشت کے طور پر لکھ چھوڑی تھی۔ ایسی اکثر تحریریں آج نہ جانے کہاں کہاں لاپتہ ہیں۔ بہت سی زندگی بھر کی خانہ بدوشی اور لا مرکزی حیات کر دن کے سبب سے ضائع ہو گئیں۔
تجزیہ نگاری میری زندگی کا عرف رہی ہے۔ علی گڑھ سے باہر آئے تو پہلا قدم کوچۂ صحافت میں پڑا۔ پھر وہی کوچہ میرے لئے میدانِ تیہ بن گیا جس سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہ تھا۔ حقائق کی دنیا میں رہنے والے خود کو بڑا خوش نصیب گردانتے ہیں۔ ہمارا شمار بھی انہی خوش نصیبوں میں ہوا جن کے دل و جگر کو حقائق کے کانٹوں نے چھلنی کر رکھا ہے، اور دل و جگر ہی کیا خارزار صحافت میں سیاست کے کانٹوں کی نوکیں اکثر روح تک میں اتر گئی ہیں۔ کتنے حقائق ہیں جنہیں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہی کے لئے کنایہ اور ایہام کی نثر اور رمز و استعارہ کی شاعری ایجاد ہوئی۔ کچھ ہمارے ملکوں کی غیر اخلاقی اخلاقیات کا بھی بھرم رکھنا ہوتا تھا۔ اسی احساس کا نتیجہ تھا یہ شعر
لکھتے ہوئے قلم پہ مسلط ہے ایسا خوف مفہوم اپنی با ت کا زیر سطر گیا
عرض صرف یہ کرنا ہے کہ نکتگو کے تحت خوش مقالی بھی ہو گی اور خود کلامی بھی۔ اس میں ماضی، حال اور مستقبل کے چہرے تو دکھائی دیں گے ہی، بقول اقبال عشق کی تقویم کے کچھ ان زمانوں کے احوال بھی زیر سطر ہی سہی آ سکتے ہیں جن کا نہیں کوئی نام۔
اقبال ریویو میں محسن عثمانی اور معین الدین عقیل کے مقالوں کے علاوہ دسمبر کے آغاز میں کچھ اور کتابیں بھی جستہ جستہ مطالعے میں رہیں اور ان کے بعض مندرجات کے بارے میں بھی ایسی ہی کیفیت پیدا ہوئی۔ مگر کچھ لکھا یوں نہیں کہ دیار مغرب میں دسمبر کا مہینہ اہل تجارت کے لئے اضافی مصروفیت کا ہوتا ہے۔ پھر علی گڑھ اردو کلب کی عمّالہ عزیزہ رضیہ مشکور سلمہا نے سفر ہند پر روانگی سے نصف گھنٹہ پہلے فون کیا اور نہایت سعادت مندی کے ساتھ علی گڑھ اردو کلب کی کچھ انتظامی ذمہ داری میرے سر ڈال کر بابل کے دیس کی راہ لی۔ ادھر خود علی گڑھ اردو کلب میں بعض ایسی دلچسپ باتیں اٹھیں کہ دن بھر چکی کی مشقت کے بعد رات کا بیشتر حصہ ان موضوعات پر ( مفروضہ - یعنی کمپیوٹر پر) خامہ فرسائی کی نذر ہو جاتا ہے۔ اس لئے وہ ساری باتیں جو کسی مطالعہ کا حاصل تھیں چولھے سے ہٹا کر اُولے پر دھر دیں کہ وقت ملے گا اور بات یاد رہی تو کبھی لکھ دیں گے۔ بس اسی کبھی کے گوشۂ امکان سے نکتگو کا خیال برآمد ہوا۔

محمد طارق غازی
آٹوا ، کنیڈا
پیر ۲۲ دسمبر ۲۰۰۸ / ۲۳ ذی الحجہ ۱۴۲۹

شاعری کی زبان

نکتہ

میں ڈاکٹر سموئل جانسن کے اس قول میں یقین رکھتا ہوں کہ ادب کے تمام اسالیب اور اصناف میں شاعری ہی در اصل زبان کے تحفظ کی ضامن ہوتی ہے۔ ۔۔۔ شاعری کے مفاہیم صرف اپنی تعمیر میں صرف ہونے والے لفظوں کے یا زبان کے پابند نہیں ہوتے۔ بحر و وزن، آہنگ و اصوات، متعلقہ زبان اور متعلقہ شاعر کے مخصوص ذخیرۂ الفاظ، اس کے علامتی اور استعاراتی نظام میں بھی معنیٰ کے بہت مضمرات چھپے ہوتے ہیں۔
- پروفیسر شمیم حنفی
جاوید نامہ، اقبال اور عصر حاضر کا خرابہ؛ اقبال ریویو، حیدرآباد، اپریل ۲۰۰۸ / ص ۴۳

گفتہ
بہت اہم ہے یہ دعویٰ کہ شاعری زبان کے تحفظ کی ضامن ہوتی ہے۔ درد و کرب کا اظہار، رنج و خوشی کا بیان، عصری حسّیات کی نگارش، حالات حاضرہ پر تبصرہ یقیناً شاعری کو ایک طاقتور صورت ابلاغ بناتے ہیں مگر میری دانست میں شاعری ہر زبان کے لئے مقننہ کا کام کرتی ہے اور یہی اس کا اصل منصب اور مقصد ہے۔ انسانی کیفیات کا اظہار و بیان و تذکرہ و تبصرہ سب اسی مقصد کے لئے ایک زبان کے ہتھیار اور اوزار ہوتے ہیں۔ میر کو یونہی تو لوگوں نے خدائے سخن نہیں مان لیا تھا۔ انہوں نے جب کہا تھا کہ مستند ہے میرا فرمایا ہوا، تو وہ جانتے تھے کہ وہ اردو زبان کے فقیہ و مفتی ہیں۔ آج کا شاعر و ادیب جب مطالبہ کرتا ہے کہ بطور سند قدیم اساتذہ میں سے کسی کا شعر پیش کرو تو وہ وجدانی طور پر شاعری ہی کو زبان کے در و بست، نظم و ترتیب، الفاظ کی نشست و ترکیب کا پیمانہ تسلیم کرتا ہے۔ کسی لفظ، محاور ے یا روزمرہ کی سند تو محمد حسین آزاد اور رتن ناتھ سرشار سے بھی لائی جا سکتی ہے مگر قول فیصل تو شیخ ابراہیم ذوق اور غلام ہمدانی مصحفی کا شعر ہی ہوتا ہے۔
ایک بات اور ، کوئی تو وجہ ہے کہ زبان کے سلسلے میں ترقی پسند اور جدید شاعر سند نہ مانے گئے۔ بظاہر اس کی وجہ یہی سمجھ میں آتی ہے کہ ان لوگوں نے وہ زبان اختیار کر لی تھی جس کے بارے میں لکھنو کے سفر کے دوران میر نے پہلوان کی بک بک کے جواب میں کہا تھا کہ کیا ضرور تم سے گفتگو کر کے میں اپنی زبان خراب کروں۔ یہ وہی میر تھا جو یہ بھی کہتا تھا گفتگو مجھ کو پر عوام سے ہے۔ یعنی عوام کی باتیں بھی تھیں اور ان کی لسانی تربیت بھی ساتھ ہی مقصود تھی، اپنی زبان بگاڑے بغیر۔ اسی لئے ان کی زبان خواص و عوام میں آج تک سند ہے۔
انسانیت کے بچپن پر نظر کریں تو رنج، خوشی، محبت، کلفت کے بہتر اظہار کے لئے ابتدائی دور کا انسان مکالمے نہیں بولتا تھا، بلکہ گانے لگتا تھا۔ وہ روایت آج بھی زندہ ہے۔ شادی کا سہرا اور رخصتی، مرثیہ اور نوحہ، تہنیت اور ہجو، واسوخت اور شہر آشوب سب منظوم ہوتے ہیں، ان پر مقالے نہیں لکھے جاتے۔ مقالے فلسفہ ہوتے ہیں، جذبات نہیں۔ بات بس اتنی ہے کہ شعری پیرائے میں کہی ہوئی بات نسل در نسل یاد رہ جاتی ہے۔ حالی کے مرثیۂ دلی کے بہت سے اشعار آج بھی لوگوں کو نوک زبان ہوں گے ؛ اسی موضوع پر خطوط غالب کے کتنے جملے اور فقرے بڑے پڑھے لکھے لوگوں کو بھی حفظ ہیں ؟ بس یہی رمز ہے شاعری کی لسانی اور پھر اس ذیل میں قانونی اور عمرانی اہمیت کا۔
کچھ لوگ ب اور کرتے ہیں کہ شعر میں اپنا ذاتی یا عصری کوئی کرب بیان کر دیا تو حق شاعری ادا ہو گیا۔ وہ لوگ غلطی پر ہیں۔ جس مثبت یا منفی جذبے کا اظہار شاعری میں ہوتا ہے اس کا اصل مقصد زبان کو نازک باتیں سلیقے سے بیان کر نے کے قابل بنانا ہوتا ہے۔ شاعر اس اعتبار سے مستقبل کی تہذیب کا معمار ہوتا ہے، محض نوحہ گر اور سہرا نویس نہیں۔ وہ زبان ساز ا نسان ہوتا ہے اور الفاظ کے درست استعمال، محاور ے اور روزمرہ کے چست اور بر محل ہونے کی نگرانی کرتا ہے، جہاں ضرورت پڑتی ہے وہاں زبان کو نئے الفاظ مہیا کے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ پھر ان لفظوں سے ادا ہونے والے معانی اور ان معانی کی نیرنگی کا تعین کرتا ہے۔ شمس الرحمٰن فاروقی نے اسی حقیقت کی طرف توجہ دلاتے ہوئے بہت اچھی بات کہی ہے کہ شاعری میں اصل شے لفظ ہے۔ میں اضافہ کروں گا کہ نثر میں اصل شے جملہ ہے : جس کے الفاظ و معنیٰ شاعر متعین اور مہیا کرتا ہے۔
چنانچہ جب لفظ کا خزانہ زبان کی امارت، شکوہ و قوت، شوکت و وسعت کا ثبوت بن جاتا ہے تو نثر کے بال و پر آتے ہیں۔ نثر راست شاعری سے متاثر ہوتی ہے۔ قدم قدم پر شعر اس کی رہنمائی کرتا ہے۔ ہر زبان میں یہ عام مشاہدہ ہے کہ نثر لکھتے ہوئے کسی نکتے کی زیادہ خوبصورت وضاحت کے لئے درمیان میں ایک شعر یا مصرعہ لکھ دو تو تحریر کا حسن دوبالا ہو جاتا ہے۔ کبھی نہیں دیکھا گیا کہ کسی شاعر نے اپنی نظم کے درمیان حسن بیان کی خاطر کوئی نثری فقرہ درج کیا ہو۔ یہ بجائے خود ثبوت ہے اس بات کہ نہ صرف شاعری کے ذریعہ بولی کو زبان کا مرتبہ ملتا ہے، بلکہ زبان اپنے ارتقا کے ہر دور میں شاعری کی رہنمائی کی محتاج رہتی ہے۔ جب شاعری کی زبان کمزور پڑنے لگے تو اس میں لسانی زوال کا سبب دیکھا جا سکتا ہے۔ شاعر پست و بے روح الفاظ استعمال کرنے لگے، ان کے شجروں سے ناواقف، معنیٰ کی تہوں سے بے خبر ہو اور غیر ثقہ مفاہیم نظم کرنے لگے تو زبان نیم جاں ہو جاتی ہے اور کسی علمی کام کا بوجھ اٹھا نے کے قابل نہیں رہتی۔
میں نے پہلی نکتگو میں شعر و علم کا موازنہ پیش کیا تھا۔ اسے آج کی نکتگو کا پیش لفظ سمجھ لیجئے۔ وہ یوں کہ مغربی زبانوں میں جب علوم (انگریزی میں سائنسوں ) کا عروج ہوا تو شاعری فطری طور پر کمزور ہوئی۔ انگریزی میں رومانوی تحریک کے بعد اُس بلندی کا شعری ادب تخلیق نہیں ہوا جس معیار کی نثر، بالخصوص علمی نثر، لکھی گئی۔ اس نثر کو بھی لسانی رہنمائی تو بہر حال درکار تھی۔ خاص طور سائنسداں قلم کار زبان کے در و بست پر وہ نظر نہیں رکھتے جو تخلیقی زبان لکھنے والے کا امتیاز ہوتی ہے۔ چونکہ شاعری کی صنف صنعتی انقلاب کے ساتھ کمزور پڑنے لگی تھی تو مغرب، خصوصاً انگلستان، میں صحافت کو عروج ہوا اور صحافی نے وہ کر دار ادا کرنا شروع کیا جو رومانوی تحریک تک شاعر ادا کرتا رہا تھا۔ یہاں یہ بات ملحوظ رہے کہ اگر انگریزی شاعری رومانوی دور سے نہ گزری ہوتی تو صنعتی انقلاب کی سائنسی تحریروں کو زبان میسر نہ آتی اور خود صنعتی انقلاب ہی نہ آتا۔ فلسفۂ انقلاب کے بغیر انقلاب کب آتا ہے ؟ اور فلسفہ تو صرف تونگر زبان میں لکھا جاتا ہے۔
اردو میں ہم اس دور میں داخل ہوئے ہی تھے کہ نکالے گئے۔ میر و غالب، سودا و ذوق، نصرتی و ولی، نصیر و مومن، درد و داغ، حاتم و حالی، آتش و انشا شاعری کی راہ سے اردو کو اس مقام تک لے آئے تھے کہ ایک طرف عود ہندی کی نثر لکھی جا سکی اور دوسری طرف قول فیصل اور غبار خاطر کی۔ ابوالکلام آزاد، محمد علی جوہر، حامد الانصاری غازی، ظفر علی خان، عبدالمجید سالک، شائق عثمانی، نصر اﷲ خان عزیز، چراغ حسن حسرت، حیات اﷲ انصاری، عبدالرزاق ملیح آبادی، شورش کاشمیری، وغیرہ کو غالباً یہ احساس تھا کہ اردو اعلیٰ علمی وقار کی زبان بننے کے مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے جس کے نتیجہ میں شاعری کی روایت کمزور پڑے گی۔ چنانچہ صف اول کے ان تمام صحافیوں نے اپنے اخبارات - الہلال، البلاغ، ہمدرد، مدینہ، جمہوریت، زمیندار، انقلاب، عصر جدید، ایشیا، ، قومی آواز، آزاد ہند، چٹان - کے توسط سے اردو زبان کی صحت و معیار کے تحفظ کی ذمہ داری قبول کی، اور دیکھتے ہی دیکھتے حیدرآباد میں دار الترجمہ کو علوم دنیا کے تراجم اور اصطلاح سازی کے لئے بلند پایہ زبان داں افراد اور ایک توانا زبان کا رفیع الشان ذخیرۂ الفاظ مل گیا۔
پھر اس ذخیرۂ الفاظ ہی پر ضرب پڑی۔ اس سے پہلے خود زبان پر ضرب پڑ چکی تھی۔ پاکستان میں بنگالی کے ساتھ نزاع پیدا ہوا اور ہندستان میں ہندی کے ساتھ۔ اب حال یہ ہے کہ اردو صحافت خود بہت کمزور ہے، اور شاعری کے ذریعہ زبان کی اصلاح اور توانائی بخش مہم بھی سرد پڑ ے دیر ہو چکی ہے۔ اردو کا المیہ یہ ہے کہ آج اس کے تحفظ کی ضامن اس کی شاعری رہی اور نہ صحافت۔ آج یہ بے مایہ زبان خود کو امیر خسرو (۱۳۲۵-۱۲۵۳) اور ولی دکنی (۱۷۰۷-۱۶۶۷) کے درمیانی عبوری زمانہ میں پاتی ہے۔ یعنی بات پھر وہیں سے شروع کیجئے جہاں سے ولی، سراج اور نگ آبادی اور میر و سودا نے اٹھائی تھی۔ اور یہ بھی مشروط ہے اس دعوے کے ساتھ کہ اردو کو ایک علمی زبان بنایا جا سکتا ہے اور اس کی راہ سے بھی صنعتی انقلاب قسم کی کوئی زبردست فکری، علمی، عملی اور عمرانی، تبدیلی اس دنیا میں آ سکتی ہے۔
اور یہ سب کچھ ممکن نہ ہو یا کسی کو اس قسم کی لغویات سے دلچسپی نہ ہو تو بھائی نہ تو اردو ہمارے پیر پڑ رہی ہے نہ ہمارے پیروں کی بیڑی ہے۔ جس زبان، جس قوم، جس انسانی گروہ میں صلاحیت ہو گی وہ وہ سب کچھ کر گزرے گا جو دو سو سال پہلے انگریز نے کیا تھا، اور اس سے نو سو سال پہلے جسے مسلمان نامی ایک قوم نے عربی کے راستے سے کیا تھا۔

پس تحریر: اور بھئی یہ ڈاکٹر جانسن کون ہیں ؟ یہ وہی تو نہیں جو جانسن اینڈ جانسن کے نام سے بے بی پاؤڈر بنا کر بیچتے ہیں ؟ اردو تو کیا جانتے ہوں گے۔ اچھا اچھا یہ وہی ہیں، انگریزی کے محمد حسین آزاد ! تو بات کرنے کے لئے آزاد ہی کیا برے ہیں ؟ اردو زبان یعنی لسانیات پر ہمارے لوگوں نے بھی تو کبھی کچھ کہا ہو گا۔ آب حیات میں نہ سہی نکات سخن میں سہی، نکات الشعرا میں نہیں تو شعر الہند میں، مقدمہ شعر و شاعری میں نہیں تو شعر شور انگیز میں، کہیں ہمارے کسی آدمی نے بھی تو زبان و ادب و شعر پر کوئی ایسی عقل کی بات کسی جگہ لکھی ہو گی جس پر ہم شرمندہ ہوئے بغیر اپنے یقین کا اظہار کر سکیں۔ اور ایسا نہیں ہے تو بھائی اردو داخل ایمان تو ہے نہیں کہ یقین کے لئے ضروری ٹھہرے، نہ اس سے مفاد دنیا وابستہ کہ ولایتی صاحب کا نام بیچ میں آئے بغیر یہ زبان ہی مستند نہ ہو۔ ہاں بے بی پاؤڈر کی بات الگ ہے۔
٭٭٭

جدیدیت

نکتہ

وہ نسل جو جدیدیت کا تجربہ کر رہی تھی وہ ترقی پسند اصولیت سے مایوس ہو چکی تھی، وہ فرقہ پرست جارحیت سے خائف تھی۔ اس نے زندگی کے امکانات کے دروازے اپنے منہ پر بند ہوتے دیکھے تھے۔ جنونی فرقہ پرستوں کے ہاتھوں سب کچھ لٹتے، نذر آتش ہوتے، بے گناہ عزیزوں کو خاک و خوں میں تڑپتے، آگ میں جلتے، درندوں کی رانوں کے نیچے بے عصمت ہوتے دیکھا تھا۔ عدم تحفظ، بے امانی، اور بے روزگاری ان کی بہت بڑی آزمائشیں تھیں۔ وہ داد فریا د کس سے کرتے، وہاں تو ان کی زبان بھی قساوت کے ساتھ ختم کی جا رہی تھی۔ بے زبان ہو کر وہ داد طلب کرتے بھی تو کس سے ؟ یہ نفسیاتِ خوف یا بے امانی جدیدیت کی علم بردار نسل کا بہت بڑا المیہ تھی۔ اس المیہ کا غماز ان کا گنگ افسانوی سرمایہ ہے۔ ان سے شکوہ نہ کیجئے۔ ان پر بہت الزامات عا ئد نہ کیجیے۔ ان پر جمال پرستی، نرگسیت، رومان پروری اور فیوڈل طبقہ وغیرہ کے لیبل نہ لگایئے۔ یہ بہت سے مسائل میں الجھے ہوئے، بہت سے سے نا وکوں کے نخچیر، ایک انتشار کے مارے ہوئے ہیں۔۔۔۔
- ابن فرید
نئی نسلیں - ایک لمحۂ فکریہ۔ دیدہ ور، سہ ماہی انٹرنیٹ میگزین، شمارہ ۴، جنوری تا مارچ ۲۰۰۹۔ مقا لہ گوشۂ ابن فرید / ص ۵۱

گفتہ

یہ قصہ صرف ہندستان کے مسلمان اردو جدیدیت پسندوں کاہے۔ باقی دنیا اور باقی ہندستان ادب میں جدیدیت کی اس تعریف سے خارج ہے۔ ہندی میں بھی جدید ادب لکھا گیا، مگر اس زبان کے قلم کاروں میں سے شاذ و نادر ہی کسی کا یہ المیہ تھا یا ہے۔ جدید ادب پاکستان میں بھی لکھا گیا اور پنجابیوں نے بھی لکھا جن پر الزام ہے کہ قومی وسائل کے بڑے حصہ پر تو وہی متصرف ہیں۔ وہاں ان مذکورہ مسائل میں سے بہت کا وجود کل تھانہ آج ہے۔ جدید ادب عربی میں بھی لکھا گیا۔ وہاں جدیدیت پسندوں کو حَدّاثِین کہا جاتا ہے۔ ان عرب اہل ادب کے ساتھ وہ سب کچھ نہیں ہو رہا تھا جو یہاں بیان کیا گیا ہے۔ جدید ادب فارسی میں بھی لکھا جا رہا ہے۔ ایران، افغانستان اور تاجکستان میں جنونی فرقہ پرست نہیں ہوتے اور نہ وہاں زبان قساوت کے ساتھ ختم کی جا رہی ہے۔ مگر جدیدیت کی ان سب عمل بردار نسلوں کا مایۂ مشترک تھا ان کا ’’گنگ افسانوی سرمایہ، ان کی جمال پرستی، نرگسیت، رومان پروری‘‘۔ ہاں یہ صحیح ہے کہ دنیا بھر کے یہ سب اہل ادب ایک انتشار کے مارے ہوئے ہیں - تہذیبی، عمرانی انتشار کے۔ مگر ہر ایک کی زنبیلِ انتشار بھی الگ ہے اور اس میں رکھا نسخۂ انتشار بھی۔
اس موضوع پر خاصی تفصیل سے گفتگو میں اپنے طویل مقالے، سرد جنگ کی سیاست کا ادب (ماہنامہ شاعر، ممبئی، اگست ۲۰۰۸) میں کر چکا ہوں۔ جنہوں نے اسے نہیں پڑھا وہ افتخار امام سلمہٗ کو خط لکھ کر اس شمارے کی ایک کاپی منگوا لیں۔ یہاں بات اس موضوع کے دیگر دو پہلوؤں پر کرنی ہے۔
اردو میں ایلیٹی جدید ادب کا گل بوٹا ادب اسلامی کے گملے میں اُگا تھا بعد میں اسے گملہ سے نکال کر زمین میں بو یا گیا تھا۔ شمس الرحمٰن فاروقی شروع میں ‘‘تعمیر پسند‘‘ ادب سے قریب تھے۔ ان کی ابتدائی تخلیقات حفیظ میرٹھی کے ماہنامہ معیار، میرٹھ، میں شائع ہوئی تھیں۔ حفیظ میرٹھی ہندستان میں ادب اسلامی کے ممتاز ترین شاعر تھے۔ ادب اسلامی اس زمانے میں ترقی پسندی کے جواب میں تعمیر پسندی کے نام سے سکہ بنا تھا۔ اس سے اس تعلق خاطر کا سبب میرا ذہنی سفر میں فاروقی اشارتاً خود یہ بتاتے ہیں کہ ’’مجھ پر ترقی پسندی یا کمیونزم کا جادو نہ چل سکا۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ مجھے اپنی تہذیب اور روایت کا بہت گہرا احساس شروع سے تھا، اور مجھے یہ بات معلوم تھی کہ ترقی پسند نظام ادب اور اشتراکی نظام حکومت میں اسلامی (یا مسلم) تہذیب اور روایات کی کوئی جگہ نہ ہو گی۔ ‘‘
بعد کے واقعات سے اندازہ ہوتا ہے کہ فاروقی دو وجہوں سے ادب اسلامی سے دور اور مغرب نژاد جدید ادب کے میر کارواں ہوئے۔ اسلام پسند یا تعمیر پسند ادبی تحریک اپنی انتظامی ہیئت میں ترقی پسند تحریک کا چربہ تھی۔ دونوں کے پیچھے ایک طاقتور سیاسی جماعت اور اس کا فلسفہ تھا۔ دونوں معاشرہ میں ایک خاص سیاسی اور اقتصادی نظام قائم کرنے کے مدعی تھے۔ دونوں نظریوں کی بنیادی تحریکات کا سیاست اور اقتصاد کے فلسفوں پر اتنا تکیہ یا اصرار تھا کہ زندگی کے کسی دوسرے گوشے پر توجہ تھی نہ اس کی ضرورت محسوس کی جاتی تھی، یہاں تک کہ دونوں تحریکات نے اپنے اپنے فلسفہ کی بنیاد پر سیاسی مفکر اور معاشیاتی ماہرین کی بڑی تعداد پیدا کی۔ دونوں تحریکات یونیورسٹیوں میں اساتذہ اور طلبہ میں اپنے حلقہ ہائے اثر قائم کرنے کے لئے کوشاں اور کامیاب رہیں۔ اس مقصد کے لئے دونوں تحریکوں نے ادب کو استعمال کیا۔ دونوں نے ابتدا ہی سے اپنے فکری نہج کے مجلے شائع کرنے پر زور دیا اور اپنے جداگانہ ادبی ناقدین پیدا کئے۔ دونوں کو زبان سادہ اور سہل رکھنے پر شدید اصرار تھا۔ دونوں کے ہاں یہ گنجائش تھی کہ پارٹی کے رکن نہ بھی ہوں تو اس کی ادبی شاخ سے وابستگی ممکن ہی نہیں پسندیدہ تھی۔ دونوں طرف جماعت حرف آخر تھی اور اہل ادب کو پارٹی کی ہدایات سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
ہندستان کی حد تک ادب اسلامی کو جدید ادب کا نقطۂ آغاز بنانا منطقی تھا۔ اردو ادب میں مار کس کا جواب اصغر گونڈوی نہیں تھے۔ لادینیت کے مقابل قلم کی دینیت پر اصرار ضروری تھا۔ مگر ادب اسلامی میں اسلام کو چھوڑ کر باقی سب کچھ تو نقل ہی تھی ترقی پسندی کی۔ نقالی وقتی تفریح کا باعث ہو سکتی ہے، دیرپا نہیں ہو تی۔ اس کے عَلاوہ جوابی اسلامی ادب کا وجود اغلباً دنیا میں کہیں اور نہیں تھا۔ شائد مصر وغیرہ میں اخوانیوں نے اس سمت میں کچھ کام کیا تھا، مگر رفتہ رفتہ خود عالم عرب کو بھی جدیدیت کی جانب ہی جھکنا پڑا۔ عرب تو ویسے بھی یورپ امریکہ سے آنے والی ہر شے کو حلال، بلکہ مطابق بہ شریعت قرار دینے میں بے مثال تفقہ رکھتے ہیں۔ وہ صرف مغرب کی تقلید کو جائز سمجھتے ہیں۔ باقی ہر قسم کی تقلید سے انہیں بوئے کفر آتی ہے۔
لہٰذا پہلی بدیہی وجہ یہ تھی کہ شمس الرحمٰن فاروقی کی عبقری شخصیت زیادہ دنوں یہ ذہنی پابندیاں برداشت نہیں کر سکتی تھی، ورنہ ممکن ہے وہ کمیونزم کا تو نہیں ترقی پسندی کا جادو اپنے اوپر چلنے دیتے۔ وہاں برگ و بار لانے کے امکانات پھر بھی زیادہ تھے کہ وہ باغ بہر حال یک جہانی بھی تھا اور پرانا بھی تھا؛ ادب اسلامی کو دنیا میں تعارف ہی حاصل نہ تھا۔ وہاں حفیظ میرٹھی جیسا شاعر ضائع ہو گیا۔
دوسری امکانی وجہ یہ کہ جدید ادب کو بہرحال عروج حاصل ہونا تھا اور معاملہ وہاں بھی یک جہانی، یعنی عالمی تھا، اس لئے جدیدیت میں تخلیقی تجربات کے امکانات زیادہ وسیع تھے۔ ان تجربات کے ذریعہ کچھ نسلوں کی ذہنی تربیت اور فکری رہنمائی کا میدان بھی ترقی پسندی کے مقابلہ میں زیادہ کھلا ہوا تھا اور اس نوعیت کی کارروائی وہاں زیادہ موثر ہو سکتی تھی۔ یوں بھی ترقی پسندی کو جو کرنا تھا وہ کر چکی تھی۔ دیکھنے والے دیکھ رہے تھے کہ وہ بحر اسود سے کالے جوہڑ میں تبدیل ہو رہی تھی، اس میں اب کاغذ کی ناؤ نہیں چل سکتی تھی۔ نئے دریا میں پہاڑی جھرنے کی جولانی اور روانی بھی تھی اور اسے پرانے پہاڑ سے برفشاروں (glaciers) کا مقطر پانی بھی حاصل تھا۔ ترقی پسندی سیاسی تسلط کے سبب جمود کا شکار ہو چکی تھی، جبکہ جدید ادب کو ایسے جمود کا شکار ہونے کے لئے وقت درکار تھا۔
جس طرح اردو میں جدیدیت کا پودا مذہب کے گملے میں اگا تھا اسی طرح امریکی جدیدیت کا بیج بھی کلیسا کے گملے ہی میں بویا گیا تھا، نیز بڑے دیس کی بڑی سیاست کی زمین میں اسے بونے کے بعد اس میں دین کے دودھ کے کچھ قطرے بھی ٹپکائے گئے تھے۔ یہ مجبوری بھی تھی۔ مگر یہ دودھ کئی دُدَھاری مویشیوں کا تھا۔ عمیق حنفی نے وحی کی گھنٹیوں کی بازگشت سنائی تو ستیہ پال آنند نے بن دھرتی پر رام کے پگ آکار کا بھجن سنایا۔ ہندستان میں تو اللہ ایشور تیرو نام کا نغمہ چل گیا، باقی دنیا سب کی بانی اپنی بانی تھی۔
ہندستان کے اہل جدیدیت کے سامنے جو مسائل تھے یا وہاں کے مسلمان اہل ادب کے سامنے آج بھی ہیں اور وہ باقی ساری دنیا کے مسائل سے بہت، بہت مختلف ہیں۔ اسی زاویئے سے ہندستانی اردو جدید ادب کا کوئی جائزہ اسے ہماری روایت سے مربوط کر سکتا ہے، باوجودیکہ جدید ادب اساسی طور پر قنوطیت اور شکوہ کا ادب تھا؛ اور اس کے باوجود کہ ہر قنوطی میر اور ہر شکوہ نویس اقبال نہیں ہوتا۔
یہاں ایک نکتہ یہ ابھرتا ہے کہ جدید ادب کا سیاسی فکری پس منظر چونکہ غیر واضح تھا اس لئے یکجہانیت میں قدرے تنوع کا امکان موجود تھا۔ جن مسائل سے ہندستان کا جدید اہل قلم نبرد آزما تھا - اور ہے - وہ مسائل صرف ہندستانی ادیب و شاعر کے ہیں۔ سعودی مملکت کا حدّاث شاعر اور ادیب قطعی مختلف دنیا میں رہتا ہے۔ وہ سیاسی اور معاشرتی گھٹن کا شکار ہے، کھل کر بول اور لکھ نہیں سکتا۔ اکثر اس قابل بھی نہیں ہوتا کہ کسی اہم مسئلہ پر انفرادی رائے ہی قائم کر لے، اظہار تو بہت بڑی بات ہے۔ وہاں ایسے اہل قلم موجود ہیں جن پر ایک نظم لکھنے پاداش میں سال چھ ماہ تک کسی بھی سعودی جریدہ یا مجلہ میں اشاعت پر پابندی لگا دی گئی تھی، یا اعلیٰ سرکاری ملازمت یا یونیورسٹی کی تدریسی خدمات سے برطرف کر دیا گیا تھا، یا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا گیا تھا۔ ایک امریکی، کنیڈائی جدید ادیب اس کیفیت کا تجربہ تو درکنار تصور بھی نہیں کر سکتا۔ مگر پھر امریکہ میں یہ ممکن ہے کہ ناشر اس کی کتاب یا تخلیق کو چھاپنے سے انکار کر دے۔ ایسا ہندستان میں بھی ممکن ہے۔ مگر ہندستان میں امتیازی سلوک کے نتیجہ میں فرقہ وارانہ فساد ہو سکتا ہے اور کوئی زکی انور اس میں قتل ہو سکتا ہے، کسی احسان جعفری کو زندہ جلایا جا سکتا ہے اور کسی ہارون رشید کا گھر نذر آتش کیا جا سکتا ہے۔ جارج بش کے امریکہ میں بھی ایسا کچھ نہیں ہوتا تھا، اگرچہ زیریں نسلی سطح پر وہاں مضطرب رہنے کی اجازت تھی۔ فرانس میں فساد و آتش زنی ممکن ہے مگر ایسے کسی واقعہ کے نتیجہ میں انتہا پسند نسلیت زدہ لوگ الیکشن جیت سکتے ہیں اور پھر زندگی کو اجیرن کر سکتے ہیں۔ مگر وہاں کی اُس اجیرن زندگی اور ہندستان کی اجیرن زندگی میں فرق ہے۔
یہ سارا بیان سطحی اور اخباری سا ہے۔ تاہم ایک ملک یا منطقہ کے حالات کے اسباب و علل، اثرات و نتائج، معاشرتی پیش منظر اور نفسیاتی پس منظر کا مکمل ادراک و احسا س کسی دوسری جگہ بسنے والوں کو ہر گز ممکن نہیں۔ مگر چلئے، ممکن ہے ہم رنگ سیاسی نظریات رکھنے والے دو افراد دنیا کے دو کونوں پر رہنے کے باوجود کسی ایک معاملہ میں ایک ہی طرح کا رد عمل تحریر میں ظاہر کر دیں۔ غزہ میں فلسطینیوں کے حالیہ قتل عام پر یمن اور ارجنٹینا میں بسنے والے عربوں کے تاثرات یکساں ہوں گے اور اسی مسئلہ پر دوسرے رخ سے رباط اور نیو یارک میں رہنے والے یہودیوں کی سوچ ایک جیسی ہو گی۔ تو ڈھونڈنے والے یمن اور ارجنٹینا کے عرب جدید ادب میں اور رباط اور نیو یارک کے یہودی جدید ادب میں یکساں فکری اور تجزیاتی لہریں گن لیں گے۔ مگر یہ کیفیت افقی ہے۔ عمودی نہیں ہو سکتی۔ اسی کو ایک نقطہ پر سمیٹ دیا جائے تو بات دو عربوں اور دو یہودیوں کے مابین بھی بدل جائے گی۔
یہ بات انفرادی اعتبار سے زیادہ قابل فہم ہو گی۔ سنا ہے شمس الرحمٰن فاروقی کے گھر میں کئی طرح کے پرندے پلے ہوئے ہیں اور وہ خود ان کی خدمت کرتے ہیں۔ ظاہر ہے پرندوں کے بارے میں ان کی معلومات بھی بہت ہوں گی۔ ان سے کسی پرندے پر نظم لکھنے کی درخواست کی جائے تو جو کچھ وہ لکھیں گے وہ اس سے بہت مختلف ہو گا جو ولی عالم شاہین یا شہر یار کسی ایسی ہی درخواست پر اسی پرندہ پر لکھیں گے اور یہ بھی طے ہے کہ خود شاہین اور شہریار کی تخلیقات میں بھی پرندہ کے علاوہ کوئی اور قدر مشترک نہیں ہو گی۔ یعنی ایک موضوع پر بھی انفرادی تجربہ، معلومات اور دلچسپی کا معیار اتنا مختلف بلکہ متضاد ہو سکتا ہے کہ معلومات کی فراوانی یا کمی کی بنیاد پر تو بہتر کمتر کا فیصلہ کیا جا سکے گا مگر جذبات نگاری اور بیان کی تفاصیل کو رد و قبول کا معیار نہیں بنایا جا سکے گا، پلہ تو اسی کا بھاری رہے گا جو پرندوں کے جذبات کی موثر ترجمانی کرے گا، ، یا ان کا عمدہ تعارف کروائے کا۔
ویسے میرے نزدیک اس قسم کی مقابلہ آرائی اور امتحان ہی غلط ہے۔ میر و سودا، غالب و ذوق، مصحفی اور انشاء، سائل و بے خود میں باہمی چشمک یا طرح آرائی اور شے تھی، ایک پورے قبیلے کو کسی ایک فکری رنگ میں میں رنگنا دوسری بات ہے۔
مگر پھر کہا جا سکتا ہے کہ یکجہانی کے باوجود انفرادی سطح پر ابلاغ کا تنوع کافی ہے۔ پھر شکوہ کیا۔ اس سے ہر شخص کی انفرادیت کو تقویت تو ملتی ہے، یہ ترقی پسندوں کی بچھائی ہوئی ریل کی پٹری نہیں ہے۔ مگر ہے۔ پٹری ہی تو ہے۔ ابن فرید نے اور کس بات کے اشارے دئے ہیں۔ بجا کہ جن معاشرتی عوارض کا ذکر کیا گیا ہے ان پر خامہ فرسائی ویسی ہی یکساں اور اتنی ہی مختلف ہے جیسا میر درد اور اقبال کا تصوف تھا۔ درست۔ مگر وہ اختیاری تھا، اِجباری نہیں۔ ترقی پسندی اور جدیدیت پسندی میں جبر کا عنصر موثر تھا۔ کم سے کم یہ کہ ترقی پسند کے لئے پیالہ کو آدھا بھرا ہوا کہنا لازم تھا اور جدیدیت پسند کو آدھا خالی سمجھنا عین صواب۔ قنوط و رجا کی کیا بس یہی پہچان رہ گئی ہے ؟ اس سے مجھے تو ویسی ہی بے چینی ہوتی جیسے کوئی میری بند آنکھ کے پپوٹے پر مسور کا دانہ رکھ دے۔
ادیب کی سوچ آزاد نہ ہوتی تو بھلا انقلاب فرانس کیوں آتا۔ اور ۱۹۳۶ سے اب تک دنیا میں کون سا انقلاب آ گیا؟
٭٭٭

عظمت

نکتہ
عظمت کبھی دی نہیں جا تی، محنت کا صلہ ہوتی ہے۔
- براک اوباما
Barack Obama: Greatness is never given. It must be earned.
افتتاحی تقریر صدارت، منگل ۲۰جنوری ۲۰۰۹، سے اقتباس(آزاد ترجمہ: م ط غ)/روزنامہ انڈپینڈنٹ، لندن، ۲۱ جنوری ۲۰۰۹

گفتہ

سیاست داں کم ہی کوئی علمی یا تاریخ کے لئے قابل ذکر بات کرتے ہیں۔ آج کل تو ان کی تقریریں بھی کوئی اور ہی لکھ کر دیتا ہے، اور قلم کاؤ ہ مزدور اچھے جملے اپنی تحریروں کے لئے رکھ چھوڑتا ہے۔ مگر کبھی کبھی کوئی یادگار جملہ سہواً تقریر میں رہ جاتا ہے اور یوں وہ سیاست داں اس جملہ کے حوالے سے لوگوں کو عرصۂ دراز تک یاد رہ جاتا ہے۔ امریکہ کے چوالیسویں صدر براک اوباما نے حلف اٹھانے کے بعد ایک ایسا ہی جملہ کہہ دیا جو قابل ذکر ہونے کے باوجود آج کل کے عالمی ابلاغیہ کو متوجہ نہیں کر سکا۔ ابلاغیہ اُن جملوں کی پرتیں کھولنے میں مصروف ہوا جو گرچہ مطلب کچھ نہ ہو کے زمرے میں آتے ہیں۔ لیکن اوباما نے ۲۵ -۲۰ منٹ کی افتتاحی تقریر میں ایک بہت ہی قابل ذکر بات کہی تھی جو بظاہر تو عام امریکیوں کے دلوں تک نہیں پہنچی، اوروں کا تو ذکر ہی کیا۔
یہ بات سو فی صدی سچ ہے کہ بھیک تو در کنار عظمت کوئی تحفہ میں بھی نہیں دیتا۔ خود اوباما ہی اس کی مثال ہیں۔ ایک ایسی گوری امریکن عورت کے کالے بیٹے جس نے زندگی میں دو شادیاں کیں اور جس کے دونوں شوہر مسلمان تھے - ایک سیاہ فام مشرقی افریقی، دوسرا زرد فام جنوب مشرقی ایشیائی، ایک ایسا نوجوان جو کچھ دن منشیات میں بھی ملوث رہا ہو، ایک ایسا شخص جسے باپ کی سرپرستی میسر نہیں آئی۔ مگر پھر وہ خود کو پہچانتا ہے اور اپنے شہر اور معاشرہ میں خدمت خلق شروع کرتا ہے۔ پڑھتا ہے۔ جادو بیان مقرر بنتا ہے۔ یہاں تک کہ ۴۷ سال کی عمر میں امریکہ کا ۴۴ واں صدر بن جاتا ہے۔ یہ عظمت کسی نے اسے تحفے یا بھیک میں نہیں دی۔ بے شک اس کے لئے بہت لوگوں نے کام کیا، خاص طور سے سابق امریکی صدر جمی کارٹر کے قومی سلامتی کے مشیر زبگنیو برزنسکی تو در پردہ اوباما کے اصل گرو ہیں اور اوباما کی صدارت بہت کچھ انہی برزنسکی صاحب کی مرہون منت بھی ہے، مگر گرو بھی تو تبھی کامیاب ہوتا ہے جب چیلے میں کچھ جان ہو۔
مگر اوباما تو امریکہ کے حوالہ سے قوموں کے حصول عظمت کی بات کر رہے تھے۔ تو قومیں کس طرح عظمت حاصل کرتی ہیں ؟ یہ سوال کسی مسلمان یا عرب سے کرنا لاحاصل ہے۔ وہ تو ابھی اپنی اُس عظمت رفتہ کے سحر سے آزاد نہیں ہوئے جو انیسویں صدی میں انہیں پیرس کی سوربون یونی ورسٹی میں اور برصغیر کی علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی میں دکھایا گیا تھا۔ مستقبل قریب میں بھی اس عظمت رفتہ کی بازیافت کا ان قوموں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ بلکہ ان کو توپتہ ہی نہیں ہے کہ عظمت کہتے کسے ہیں۔ ان کے پاس عظمت کا ایک خوابناک تصور ہے جس کے ڈانڈے حقیقت سے تو نہیں ملتے۔
ہندستان کو دیکھئے۔ وہاں ایک شاعر اپنی قوم کی پھٹی ہوئی ٹوپیاں دکھا دکھا کے مشاعروں کے مجمع کے سامنے چنگھاڑتا ہے :
ہمارے تاج عجائب گھروں میں رکھے ہیں
اور سننے والے وحشیوں کی طرح آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں اور ب اور کرتے ہیں کی ان کی یہ چیخ پکار ایک دن عجائب گھروں سے نکال کر تاج ان کے سروں پر رکھ دے گی اور انہیں پھر عظمت حاصل ہو جائے گی۔ پاکستان کا حال دگر گوں ہے۔ وہاں جسے عظمت رفتہ کہیں وہ تو دلی، آگرہ، لکھنو، حیدرآباد، بھوپال، آرکاٹ، سرنگا پٹم، ٹونک، سہسرام اور مرشدآباد میں رہ گئی تو اس کا ذکر ہی کیا، اور جو تاریخ ملی وہ سکھوں کی ہے یا اشوک موریہ کے ٹکسیلا کی ہے یا ماقبل تاریخ کے موئنجوداڑو کی، تو اس کا بھی ذکر کیا۔ بنگلہ دیش کو پے بہ پے سیلابوں اور سلسلۂ سیل کی ردیف ہڑتالوں سے فرصت ملے تو عظمت کے موضوع پر بھی مذاکرہ ہو۔ عربوں نے سب کا ناطقہ بند کر رکھا ہے۔ خلیج کے چنے کے دانے جیسے ملکوں میں اونچی عمارتوں بنانے کی ہوس سے خوئے نمرود کی بو آتی ہے جس نے بابل کا مینار بنایا تھا۔ منگولوں اور بُشیوں کی طرح سعودی اس تاریخ ہی کا نام و نشان مٹانے پر کمر بستہ ہیں جو عظمت رفتہ کی اذیت ناک یاد میں مبتلا کرتی ہے۔ انہوں نے پہلے مدینہ میں اور اب مکہ میں ان تمام آثار کو مٹا ڈالا جن سے دنیا کے ایک ارب ۷۰ کروڑ مسلمانوں کو اپنی اصل کا سراغ ملتا تھا۔ آنے والے دنوں میں نہ سلف کے آثار رہیں گے نہ ان کے وجود کا کوئی ثبوت، بس شرک رہ جائے گا اور دلیل انہی نئے منگولوں سے لائے گا۔ تو یہ بجائے خود بڑی خدمت ہو گی اور عظمت بھی ملے گی پھر انہی کو جن کا عربوں کی تاریخ عظمت سے کوئی تعلق نہ ہو گا۔ اور اِدھر اُدھر نظر ڈالو تو پاس پڑوس میں عظمت حاصل کرنے کا صدیوں پرانا آزمودہ نسخہ استعمال کیا جا رہا ہے کہ ایک آدمی فرعون بن کر کرسی سے چپک جائے اور اپنی پوجا کروائے۔ نئے نبی آنے کے نہیں تو تازہ فرعونوں کو اب موسیٰ کا ڈر بھی نہ رہا۔ افریقہ چلو۔ وہاں کالے ملکوں میں جگمگ جگمگ جواہرات ارضی کی وہ بہتات ہے کہ روایت ی تاجر قوموں کی آنکھیں ہی نہیں دل و دماغ بھی خیرہ ہیں، چنانچہ ان ملکوں میں دن بھی تیرہ و تاریک ہیں۔ ان کے پاس نہ عظمت نہ اس کی تاریخ۔ ہاں بحر ظلمات کے کنارے ایک غریب ملک کے بادشاہ نے ایک امیر ملک کے باد شاہ سے کئی لاکھ ڈالر مانگ کر کم از کم افریقہ کی سب سے بڑی مسجد سمندر کے کنارے بنا ڈالی۔ دونوں باد شاہ مر چکے ہیں اور مسجد یورپ امریکہ کے عیسائی معماروں کے فن کی عظمت کے ثبوت کے طور پر موجود ہے۔ جدہ میں یونیورسٹی قائم ہوئے ۴۲ برس گزر گئے اور اس ملک میں سال گزشتہ قائم ہونے والی دو نئی یونیورسٹیوں کے لئے اب بھی صرف یورپ، امریکہ، کنیڈا اور آسٹریلیا سے پروفیسروں کی مانگ کے ڈھنڈورے پیٹے گئے۔
کیا کسی قسم کی عظمت ان قوموں کا مقدر بن سکتی ہے ؟
نہیں !
اوباما نے بڑی سچی بات کہی ہے۔ عظمت کوئی کشکول میں نہیں ڈالتا۔ عظمت کو تو جیب میں پڑے پیسوں سے بھی نہیں خریدا جا سکتا۔ اس کے لئے جان توڑ محنت کرنی پڑتی ہے۔ اور کسی قوم کو عظمت حاصل کرنے کی خواہش ہو تو پوری قوم کو جان لگا دینی پڑتی ہے، کئی نسلوں تک۔ یہ فضیلت نَحنُ ھٰھُنا قٰعِدُون کہہ کر حاصل نہیں ہوتی۔ ہندستان کے سائنسداں سابق صدر عبد الکلام نے کہا تھا کہ خواب وہ نہیں ہوتا جو سوتے میں دیکھا جاتا ہے، خواب وہ ہوتا ہے جو راتوں کی نیندیں اڑا دیتا ہے۔ اقبال نے کہا تھا کچھ ہاتھ نہیں آتا بے آہ سحر گاہی۔ لاطائل بحثوں اور ان میں اپنی نیم علمیت کے ثبوت فراہم کرنے اور پھر غیظ و غضب کا اظہار کرنے، سیاسی پارٹیاں بنانے اور بدلنے، انجمنیں قائم کرنے، نعرے لگانے، ہڑتالیں کرنے، ناچ گانے کی محفلیں سجانے، مشاعرے برپا کرنے، چوپاٹی اور کھارا در پر چاٹ کھانے، چائے خانوں میں فلسفہ بگھارنے، جدہ اور دبئی کے الف لیلائی ساحلوں پر مٹر گشت کرنے، مے خانوں میں مشق جنوں کرنے اور زیر نظر قلم برداشتہ سطور لکھنے سے عظمت رفتہ کی بازیافت ہوتی ہے نہ عظمت نو کا سراغ ملتا ہے۔ عظمت کوئی اور ہی شے ہے۔
میں نے ایک جگہ رواں جملہ، لکھا تھا : ’’ڈیڑھ سو برس ہو گئے ہم بھی اپنی دنیوی نجات کی تلاش میں لپک لپک کر ان علوم جدیدہ کی طرف دوڑ رہے ہیں اور آج بھی ان علوم کے پیشواؤں سے بہت پسماندہ ہیں۔۔۔۔ ‘‘
چند لمحوں کے لئے میرے ساتھ اُس قدیم دنیا کے ایک چھوٹے سے سفر پر چلئے جہاں ہم اہل اضطراب نے عظمت کھوئی تھی۔
اندلس کے مسلمانوں نے اپنے دور زوال کے آغاز اور طوائف الملوکی کے دور عروج میں پہلی بار ۱۲۴۷ میں اشبیلیہ کے محاصرہ کے وقت اور سال بھر بعد قسطلہ کی نیم فوجی تنظیم سے مقابلہ میں یورپ میں پہلی بار آتشیں ہتھیار استعمال کئے ؛ اس کے بعد ۱۲۵۷، ۱۲۸۰، اور ۱۳۰۶ کے محاربات میں بھی اسی نوعیت کے ہتھیار نیبلا، قرطبہ، اور جبل الطارق کی مہموں کے دوران استعمال کئے گئے ؛ ۱۳۳۱ میں غرناطہ کی فوجوں نے آگ سے داغے جانے والے سادہ فولادی اور آتش گیر فولادی گولے دشمن پر برسائے۔ مورخ متفق ہیں کہ یہ آتشی بم اندلسی مسلمان سائنسدانوں کی ایجاد تھے۔ پھر ۱۳۴۳ میں دنیا میں پہلی بار توپ داغی گئی۔ یہ توپ بھی غرناطہ میں ڈھالی گئی تھی اور الجزیرہ کے صوبہ پر عیسائی حملہ کے موقعہ پر استعمال کی گئی تھی۔ اور پھر ۱۳۹۴ میں غرناطہ کی فوج کا نیا ہتھیار بندوق تھی۔ اس کے ۹۸ سال بعد غرناطہ ختم ہو گیا۔ اندلس ختم ہو گیا۔ زوال کا دروازہ مغربی یورپ کے مسلمانوں پر کھلا، گو کہ مشرق میں ابھی سلطنت عثمانیہ کا سورج چمک رہا تھا۔
ٹھیک اس وقت جب یورپی مسلم سائنس داں یہ نئے آتشیں ہتھیار بنا رہے تھے، دوسرے کنارے پر اٹلی سے نشاۃ ثانیہ کا آغاز ہوا۔ فرانسیسی اور اطالوی زبانوں میں اس کا مطلب نئی زندگی ہوتا ہے۔ ان لمحات سے دو سو سال پہلے قرطبہ دنیا کا سب سے بڑا مرکز تھا تہذیب، تمدن، علوم کا۔ بحر متوسط کی موجوں اور آلپس کی چٹانوں سے گزر کر ثقافت، تہذیب اور علوم جنوبی یورپ میں داخل ہو چکے تھے۔ کلیسا کی مخالفت اور نفرت کے باوجود مسلم سائنسدانوں اور مفکروں کے افکار و علوم سے یورپی عیسائی متاثر ہونے لگے تھے، اور ان کی تصنیفات کے توسط سے قدیم یونانی فلسفہ سے دوبارہ متعارف ہو رہے تھے۔ یہی تعارف ان کی نئی زندگی کا باعث ہوا۔ یہ نئی زندگی کیا تھی؟
چودھویں صدی کے وسط کے یورپ اور انیسویں صدی کے وسط کے جنوبی اور مغربی ایشیا کا موازنہ ان کی عظمت اور ہماری ذلت کا معمہ حل کر دیتا ہے۔
دو صدیوں تک عربی میں تحریر سقراط، افلاطون اور ارسطو کے یونانی افکار جب یورپی اقوام کے ہاتھ لگے تو انہوں نے انہیں عرب یا مسلم علوم نہیں گردانا، خود اپنا ماضی قرار دیا۔ مسلم مفکروں کی علمی دیانت داری کا کمال یہ تھا کہ جب ابن رشد اور ابن سینا نے ارسطاطالیسی فلسفے کی اساس پر خود کچھ لکھا تو اسے بھی افکار ارسطو سے منسوب کر دیا۔ یورپی عیسائیوں نے اسی بہانے سے عربوں اور مسلمانوں کو اس تسلسل سے خارج کر کے خود کو براہ راست یونان سے جوڑ لیا اور درمیان کے ڈیڑھ ہزار سال کے تاریک دور پر کتانی پردہ ڈال دیا۔
یہاں بحث یا تنقید کا موضوع نشاۃ ثانیہ کی یورپی اقوام کی علمی بد دیانتی نہیں ہے بلکہ صرف اس نکتہ کو خط کشیدہ کرنا ہے کہ نشاۃ ثانیہ کے ساتھ یورپ کی ترقی کا راز وہ خود اعتمادی تھی جس نے انہیں ایک طویل وقفۂ لاتعلقی کے بعد اپنے یونانی یورپی ماضی سے عملاً جوڑ دیا تھا۔ اگر وہ عربوں سے مرعوب رہتے تو وہ سب کچھ نہیں کر سکتے تھے جو ۱۳۵۰ سے ۱۹۵۰ کے دوران کر گزرے۔
اور ادھر ہمارے پاس، جنوبی اور مغربی ایشیا میں اکثر نئے مصلحین کا تمام تر زور ہماری اس خود اعتمادی ہی کو چکنا چور کرنے پر تھا۔ وہ بار بار ہمیں جھنجوڑ جھنجوڑ کر کہتے تھے کہ اے بے علم و بے عقل لوگو، تمہارے پاس نہ فخر کرنے کی کوئی بات، نہ تاریخ میں قابل عزت کوئی اثاثہ، نہ شخصیتوں میں کوئی صلاحیت۔ اگر کچھ کر دکھانا ہے تو اٹھو اور اپنے آثار الصنادید کو مسمار و منہدم کر کے یورپی اساس پر اپنی نئی عمارت تعمیر کرو۔ عجب تماشہ ہے۔ عظمت کی وہ عمارت ہی تعمیر نہیں ہو کے دے رہی، حالانکہ عرب ایک ایک میل اونچی عمارتیں بنا رہے ہیں۔ مگر یہ عمارتیں بنا کون رہا ہے ؟ وہی یورپی اور امریکی ماہرین تعمیر!ہمیں پڑھا کون رہا ہے ؟وہی مغربی پروفیسر!ہم پڑھ کیا رہے ہیں ؟ وہی سیموئل ہنٹنگٹن، وہی برنارڈ لوئس، وہی ٹی۔ ایس۔ ایلیٹ! تو کیا عجب جو آج کے عرب اور آج کے مسلمان بدستور وہی ۱۸۵۷ کے کودَن ہیں !

کچھ بات کا سرا ملا؟
جی ہاں، ہم آج بھی یورپ اور امریکہ سے مرعوب ہیں۔ ان کے دست نگر ہیں۔ ا ن سے عظمت کی بھیک مانگ رہے ہیں اور ان کے تمسخر کا نشانہ بن رہے ہیں۔ دوسری طرف امریکہ کا تازہ کار صدر اپنی قوم سے کچھ اور کہتا ہے۔ یہ اس قوم سے خطاب ہے جس کے ایک کودَن صدر نے آٹھ سال کی قلیل مدت میں دنیا سے امریکہ کی عظمت کا نام و نشان مٹا ڈالا۔ جی ہاں یہ اسی قوم سے خطاب ہے کہ۱۹۹۹کی عزت و عظمت دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہو تو اٹھو، محنت کرو، جان لڑاؤ اور ماضی کی متاع و میراث کو دوبارہ حاصل کر لو۔ یہ الگ بات ہے کہ تمام مغربی ابلاغیہ نے اسی ایک جملہ کو حرف غلط کی طرح نظر انداز کیا۔ قوم ابھی تبدیلی کی افیم کی پنک میں ہے۔ یہ تو دو چار سال بعد معلوم ہو گا کہ نیا امریکی صدر اپنی قوم کو عظمت رفتہ کی بازیافت کے سفر میں کتنا آگے لے جانے میں کامیاب ہوا۔ لیکن ہمارے لئے اس چھوٹے سے فقرے میں صدیوں کا سبق ہے۔ فکر کی یہ موجیں ہمارے اندرون میں کوئی بحران، کوئی طوفان پیدا کرتی ہیں یا ابھی خواب غفلت کا دور باقی ہے ؟ اس کا فیصلہ تو خود ہم نیند کے ماتوں اور اپنے ماضی اور اپنے حال کے تشخص سے شرمندہ لوگوں کو کرنا ہے۔
٭٭٭

ارتقا

نکتہ

اس حال کا اگلا قدم جو مستقبل کی دہلیز پر پہنچے گا اس کا انجام بھی معلوم ہے، تا وقتیکہ جد ید انسان اپنے ارتقا کی رفتار اور سمت پر قا بو نہ پا جائے۔ فطرت کی اندھا دھند تسخیر کے نشے میں عقل اور بے باک ہو گی، دل پہلے سے زیادہ بے گداز، آنکھ ابھی اور بے شرم ہو گی۔ ہستی ابھی اور زیادہ ضعیف ہو گی اور غرق مجاز۔۔۔۔
- شمیم حنفی
جاوید نامہ، اقبال اور عصر حاضر کا خرابہ : اقبال ریویو، حیدرآباد ، اپریل ۲۰۰۸ /ص ۳۳

گفتہ

حال اور مستقبل کا جو نقشہ اوپر کھینچا گیا ہے اس کے پیش نظر کیسا رہے اگر ہم اپنی بات یہاں سے شروع کریں کہ الہ دین اور جادوئی چراغ، علی بابا اور چالیس چور، قصہ سوتے جاگتے کا، بلکہ پوری الف لیلہ دنیا کا سب سے پہلا سائنسی فسانہ - انگریزی میں science fiction - sci-fi - تھی؟ اس پر لوگوں کی آنکھوں میں ایک ملیح مسکراہٹ نمودار ہو گی۔ اچھا اگر کچھ ایسی بات کوئی گورا کہہ گزرے تو؟اتنے اہل دانش و بینش اس خیال پر ا پنے رد عمل کا فیصلہ کریں، میں ایک بات پوری تاریخی بصیرت ساتھ کہہ دوں کہ اگر شاہ فرڈیننڈ، ملکہ ازابیلا اور پادری زیمنیس نے پندرھویں صدی کے آخر میں وہ سب نہ کیا ہوتا جو اُن تینوں نے مل کر کیا تو صنعتی انقلاب دو صدی پہلے آتا اور انگلستان کے بجائے ہسپانیہ سے آتا۔
مگر آپس میں غیر متعلق ان دو باتوں کا مندرجۂ بالا اُس تیسری بات سے کیا تعلق ہے جو ڈاکٹر شمیم حنفی نے سال بھر پہلے ایک مضمون میں لکھی تھی؟ تو آئیے ان تین باتوں کے باہمی ربط کی کھوج کریں اور دیکھیں کہ اس ربط سے عصر رواں کی اندھا دھند ترقی پر کیا تبصرہ مرتب ہوتا ہے۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ فرڈ نینڈ سے پہلے کے اندلس سے صنعتی انقلاب کی پہلی موج کیوں نہ اٹھی؟
چند برس پہلے جب میں نے صنعتی انقلاب، انگلستان اور ہسپانیہ والا جملہ لکھا تھا اس وقت صنعتی انقلاب کی بوڑھی کوکھ سے معلومات کا بحران پیدا ہو چکا تھا۔ انٹر نیٹ پر ایک طوفان آیا ہوا تھا۔ معلومات کا ہیجان ساری ترقی یافتہ دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا تھا۔ جو قومیں ابھی اس نئی تبدیلی کا ادراک بھی نہیں رکھتی تھیں ان کے تنزل پر دنیا کا یقین مضبوط تر ہو تا جا رہا تھا۔ ان بے چاری پس ماندہ قوموں کے لئے انقلابی بحران سے گزرنے والی قوموں کی نظروں میں حقارت کے رنگ گہر ے ہوتے جا رہے تھے۔ معلومات کے گرد و غبار سے اٹے ہوئے انسانوں کی آنکھوں میں بس کچھ پریشاں خواب تھے جو انہیں یقین دلا رہے تھے کہ دنیا نے ایسی ترقی کبھی نہیں کی تھی اور یہ ترقی صرف بلندی کی سمت جاتی تھی، اس کا کوئی نشیب نہیں ہے، اس کو کبھی زوال نہیں ہو گا۔ اس وقت میں نے پھر لکھا تھا کہ شاعر مشرق اقبال کے پیام میں بھی ایک انقلاب تھا مگر وہ اسے برپا نہیں کر سکے تھے، کر بھی نہیں سکتے تھے، شائد انہیں پتہ ہو کہ انقلاب سے پہلے بحران آتا ہے اور اس بحران پر انقلابی قیادت کی گرفت مضبوط نہ ہو تو بحران متوقعہ انقلاب کو کھا جاتا ہے۔ اقبال کے پاس نہ وہ قوت تھی نہ اس قوت والے ایسے پیرو جو بحران کا اندازہ بھی رکھتے ہوں۔ ان سب کے پاس خواب تھے۔ خیال و خواب میں انقلابات پلتے ضرور ہیں، ان کی راہ سے برپا نہیں ہوتے۔ انقلابات کو برپا کرنے کے لئے کچھ اور عوامل درکار ہوتے ہیں۔
لوگوں نے ب اور کیا کہ صنعتی انقلاب کے بعد دنیا کا دوسرا سب سے بڑا انقلاب انفرمیشن ٹیکنولوجی لائی ہے، جسے ابتدا ئی دنوں میں IT Revolution کا نام دیا گیا۔ یہی نہیں، کچھ خیرہ نظر افراد نے تو اسے علم کا انقلاب بھی قرار دے دیا۔ یہ بات حقیقت واقعہ سے کچھ زیادہ، بہت کچھ زیادہ تھی کہ اب عام طور سے لوگوں کو معلومات اور علم میں واقع فرق کا ادراک نہیں رہا۔
مولانا عبد الماجد دریابادی حیات ہوتے تو صدق جدید میں معلومات کے اس انقلاب کے خلاف سچی باتیں کا ایک شذرہ لکھتے۔ مگر بات تبدیلی کی مخالفت کی نہیں، بلکہ یہ ہے کہ اس انقلاب کا مقصد کیا ہے اور یہ کن قوموں یا کن نظریات کے فروغ کے لئے ہے، اور وہ نظریات کتنے مفید ہیں۔ شمیم حنفی جاوید نامہ کے مطالعہ میں افکار اقبال کی تشریح کرتے ہوئے اسی نکتے پر زور دیتے ہیں کہ صورت حال اتنی خوشگوار نہیں ہے جتنی دکھائی دیتی ہے: انہیں اصرار ہے کہ انسان کو اپنے ارتقا کی رفتار اور سمت دونوں پر قابو پانا ضروری ہے، اور اندھا دھند تسخیر فطرت کے نشے کا توڑ کرنا بھی لازم ہے ورنہ دنیا اور انسان کا وجود دونوں کمزور تر ہوتے چلے جائیں گے۔
دنیا اور انسان کے وجود کی کمزوری کا سبب یہ ہے کہ انسان ۲۰۰ برس سے جسے انقلاب سمجھے بیٹھا ہے وہ انقلاب سے پہلے کا بحران ہے۔ انقلاب تو ابھی آیا ہی نہیں۔ صنعتی انقلاب لانے والوں کو بھی پتہ نہ تھا کہ وہ در اصل بحران کا سیلاب کھول رہے ہیں۔ اور معلومات کی تکنیکیات کا انقلاب لا نے والے بھی نہیں جانتے کہ ان کے ہاتھوں بھی اسی بحران کی ایک اور آندھی کا جھکولا آیا ہوا ہے۔
ایک تاریخی نکتہ جو تا حال اہل علم سے داد تحقیق نہ پاسکا یہ ہے کہ کیا عباس ابن فرناس(۸۸۷-۸۱۰) اور ابن رشد (۱۱۹۸-۱۱۲۶)کا اندلس صنعتی انقلاب کے دہانے پر تھا، اور اگر تھا تو وہ انقلاب کیوں نہ آیا؟
اسی سوال کا جواب الف لیلہ میں ڈھونڈا جا سکتا ہے۔ اس کا مختصر جواب یہ ہے کہ نویں سے پندرھویں صدی عیسوی کے دوران قرطبہ اور اشبیلیہ اور غرناطہ اور طلیطلہ سے بغداد، رے، نیشاپور بلخ، بخارا، ہرات اور سمرقند تک پیدا ہونے والے تمام مسلم سائنسدانوں کو اس انقلاب کی خبر تھی ورنہ الہ دین کے جادوئی چراغ کا قصہ اور الف لیلہ کی کہانیاں کیوں لکھی جاتیں۔ اس بات پر قہقہہ لگا نے سے پہلے یہ جان لیجئے کہ یہ نقطۂ نظر ایک گمنام مغربی دانشور کاہے۔ اور اس نظریئے کا راست تعلق تیل اور اس سے مربوط صنعتی اور تہذیبی ترقی سے ہے۔
ایک دیگر امریکی ماہر، والٹر شیلڈن ٹ اور ، نے تیل کی کہانی The Story of Oil پر ایک کتاب لکھی ہے جس میں وہ دعویٰ کرتا ہے کہ تیل کم از کم چار ہزار سال پہلے کے عربوں کے علم تھا اور اس کا مختلف طریقوں سے استعمال عام تھا (ص ۲۰ تا ۳۲)۔ ایسے ہی تاریخی شواہد کی بنیاد پر اس گمنام مغربی ماہر نے اپنا نظریہ قائم کیا تھا، جس کا حوالہ میرے بیٹے منصور غازی سلمہ‘ نے دیا تھا۔ عرصہ ہوا انہوں نے ہسٹری چینل یا پی بی ایس پر ایک دستاویزی فلم دی سٹوری آف آئل The Story of Oil دیکھی تھی۔ اس فلم میں تیل کی صنعت و تجارت کے اس گمنام مغربی ماہر نے یہ انکشاف کیا تھا کہ ہزار سال پہلے مسلمان تیل کی بے پناہ قوت سے بھی واقف ہو چکے تھے اور الہ دین کا چراغ تیل کی اسی بے پناہ طاقت کی علامت تھا، کیونکہ تیل کے بغیر چراغ ایک بے کار محض شے ہے۔ برسوں پہلے سید سلیمان ندوی نے بھی اپنی مختصر کتاب عربوں کی جہاز رانی میں انکشاف کیا تھا کہ ہزار سال پہلے مسلم عرب ملاح تیل اور اس کے استعمال سے واقف تھے۔ یہ تیل سمندر میں سیاہ گولوں کی شکل میں تیرتا ہوا ملتا تھا اور اسے چراغوں میں جلایا جاتا تھا اور ملاح اپنی کشتیوں اور جہازوں کی بیرونی دیواروں پر اس کا لیپ کر دیتے تھے جس سے لکڑی محفوظ ہو جاتی تھی۔ اردو بے چاری تو علمی یتیم زبان ہے، تو لغت عامیہ میں عرض ہے کہ ہزار سال پہلے مسلمان water-proofing and pest-repellants سے واقف تھے۔
گمنام مغربی ماہر کی بات سن کر میرا ذہن اس سمت گیا کہ ہزار سال پہلے مسلم سائنس داں تیل کے عام استعمال کے مسئلہ پر ابھی مطمئن نہیں تھے۔ وہ جانتے تھے کہ جب اس مادہ کا استعمال عام ہو گا - جب ترقی کے چراغ سے ہر خواہش پوری کر دینے والا دیو برآمد ہو گا - تو اس کے نتیجہ میں جو تبدیلیاں آئیں گی ان کی رفتار، ان کی سمت اور ان کے ناقابل یقین تواتر پر قابو پانا بہت مشکل ہو گا اور اس طرح یہ نئی طاقت انسان اور خود اس کرۂ ارض کی تباہی کا عنوان بن جائے گی۔ اس علم کو وہ مسلم سائنسداں خفیہ بھی نہیں رکھنا چاہتے تھے ؛چنانچہ انہوں نے الف لیلہ کی کہانیاں لکھیں اور ان کا شاہکار الہ دین اور اس کا جادوئی چراغ تھا۔ قلعہ الموت کے داروغہ جنت حسن ابن صباح (۱۱۲۴-۱۰۳۴) نے ان سائنسدانوں سے اتفاق نہیں کیا اور ماہ نخشب بنا ڈالا۔
جن کو الہ دین کی کہانی یاد ہے وہ جانتے ہیں کہ جن چراغ سے دھوئیں کی شکل میں نکلتا ہے ا ور دنیا کا ہر مشکل کام منٹوں میں کر ڈالتا ہے۔ یہ جن اُس کا غلام ہوتا ہے جس کے قبضے میں چراغ ہے۔ پھر یہ بھدا، میلا، پرانا چراغ نئے چمکدار چراغوں سے مختلف ہے۔ یہ پرانا میلا چراغ چُوڑے سے لبریز تیل کے کنویں، خام تیل کی گدلاہٹ اور ظاہری کراہت کا استعارہ ہے۔ ’’مغرب‘‘ کا باشندہ جادوگر وہ برا آدمی ہے جو چراغ پر قبضہ کر کے اس سے خود دولت کمانا، عیش و آرام کی ضمانت حاصل کرنا اور ساری دنیا پر حکومت کرنا چاہتا ہے۔
تو الف لیلہ، سوتے جاگتے کا قصہ، سند باد جہازی کے سفر، علی بابا اور چالیس چور اور الہ دین اور جادوئی چراغ دنیا کے اولین مستقبل نما سائنسی ناول تھے۔ یاد کیجئے۔ یہ چراغ ایک پہاڑ کے غار میں پوشیدہ ہے۔ یہ تیل کے کنویں کا استعارہ ہوا۔ پھر چراغ کے ہیرو کے نام کی طرف ذہن دوڑایئے۔ بچپن میں ہم اسے علاء الدین کہتے تھے۔ اس عنوان کی فلموں کے ٹائٹل پر اور اردو اخباروں کے اشتہاروں میں یہ نام ایسے ہی لکھا جاتا تھا۔ یہ تو بعد میں معلوم ہوا کہ وہ الہ دین تھا۔ اس کا مطلب سمجھ میں آیا؟ اس کہانی کے مصنف نے یہ نام اللہ اور دین کے مرکب سے بنایا تھا - ایک ایسا شخص جو الٰہ کے دین کا پیرو اور حامی ہو کہ فقط اسی کی دیانت داری، عدل گستری اس دنیا کو چراغ کے جن کی تخریبی قوت کی لائی ہوئی خرابی اور بربادی اور تباہی سے بچا سکتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ آج کے بہت پڑھے لکھے اپنے اسلام پر شرمندہ مسلمان ان باتوں سے کڑوے ہوں، لیکن ہزار سال پہلے اللہ کے دین کے پیرو سانئسدانوں کو اندیشہ تھا کہ ’’مغرب‘‘ کا رہنے والا چالاک اور بدمعاش جادوگر بھولی بھالی قوموں (شہزادی[!]بدر البدور)کو بے وقوف بنا کر چراغ ہتھیا لے گا اور یوں اپنی حماقتوں کی وجہ سے دنیا کی ہلاکت کے درپے ہو گا۔ تو ا ن مسلم سائنسدانوں کے سامنے سوال یہ تھا کہ دنیا کو تباہی سے بچانے کے لئے اس تیل کو راز رکھا جائے یا اس کے فوائد کے پیش نظر اسے عام آدمی کے ذخیرۂ علم و استعمال میں شامل کر دیا جائے۔ مجھے اس عنوان کی مزید تشریح نہیں کرنی۔ اب یہ کام کوئی بھی کر سکتا ہے الف لیلہ کی تمام کہانیاں دوبارہ غور سے پڑھ کر۔
ا ب صورت یہ ہے کہ چراغ کا دیو آزاد ہو چکا ہے اور ساری دنیا میں اس کی پھیلائی ہوئی سیاسی، اقتصادی، معاشرتی، عمرانی، تہذیبی، تعلیمی، اخباری تباہ کاری کے مناظر روز نگاہوں کے سامنے آ رہے ہیں اور ان کو دیکھنے والے ایک ایسے نشے میں مدہوش ہیں کہ آگے پیچھے کی کچھ خبر نہیں۔ شمیم حنفی نے ایک تشویش انگیز اشارہ دیا۔ سید سلیمان ندوی نے اس تیل کے مُثبَت پہلو پر بات کی تھی۔
چھوڑیئے ان قصوں کو۔ یہ سب تو بس پدرم سلطان بود اور ہمارے تاج عجائب گھروں میں رکھے ہیں کی مد میں آتے ہیں۔ تاریخ اور تہذیب کو ایسے لوگوں کی چنداں پرواہ نہیں ہوتی۔ لیکن ایک آدمی کو پرواہ ہے اس درد و الم سے کراہتی دنیا اور اس میں انگ انگ سے بیمار انسانیت کی۔ ترقی بری شے نہیں۔ یہ تو خوبی اور انسانی مزاج کا خاصہ ہے۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ تاریخ کے ہر نازک موڑ پر تہذیب برہمی کا اظہار کرتی ہے۔ تہذیب انسان کی پروردہ ہوتی ہے مگر انسان کی غلام نہیں ہوتی۔ اپنی صناعی پر جب انسان رعونت کا شکار ہوتا ہے تو تہذیب اسے معاف نہیں کرتی۔ وہ قوم اِرم جس کا قصہ قرآن حکیم میں سورہ الفجر (۸۹:۷ آیہ) میں کیا گیا ہے، عمان کے ریتیلے تودوں کے نیچے سے اپنے ستونوں کے سینگ نکال کر سیاحوں کو دکھلا رہی ہے۔ قاہرہ کا میوزیم ایک فرعون موسیٰ ہی کیا، تاریخ کے ہر فرعون کے ان تمدنی آثار سے اٹا پڑا ہے جن کو ایک برہم تہذیب نے شہروں اور دریاؤں میں تہہ و بالا کر کے آخر قاہرہ کی ایک سنگی عمارت میں قید کر دیا۔ لندن کا میوزیم تو پتہ نہیں کتنی پرانی تہذیبوں کا مدفن ہے اور اپنا جبڑا کھولے تاج کے ہیروں کا انتظار کر رہا ہے۔ یہ سب ماضی کی ان ترقیوں کی کہانیاں ہیں جو انسان کے وجود کو شکست دینے پر تل گئی تھیں۔ جہاں عقل بے باک ہو گئی تھی۔ دل بے گداز۔ آنکھ بے شرم۔ ہستی ضعیف اور غرق مجاز۔۔۔۔
یہ جو سوال اکثر ہوتا ہے کہ پانسو سال پہلے یہ مسلمان ترقی کرتے کرتے اچانک کیوں رک گئے تھے، یہ ہم مسلسل پستی میں کیوں پڑے ہوئے ہیں۔ یہ ہماری ابتکاری، تخلیقی صلاحیتوں کو کیوں زنگ لگ گیا ہے، یہ ہم ساری دنیا سے پیچھے کیوں رہ گئے، تو ان سوالوں کے جوابات اس حقیقت میں بھی تلاش کرنے کی کوشش ہونی چاہیئے کہ ہمارے اسلاف اس د نیا کو قیامت کے کنارے لگا دینے کے حق میں نہیں تھے، جس طرح آج کے مغربی انتہا پسند اور خود کئی مسلمان بادشاہ اور شیوخ اور شہزادے اسی چکر میں پڑے ہوئے ہیں۔ یہ ایک باریک رمز ہے۔ دنیا میں قیام قیامت اور حشر کے دن حساب کتاب پر ایمان تو صرف مسلمان کو ہے اور دولت مند شاہوں، شہزادوں اور شیوخ کو چھوڑ کر باقی مسلمانوں کو قیامت برپا کرنے کی جلدی نہیں ہے۔
٭٭٭

تعلیم

نکتہ

پچھلے چند ہفتوں میں ہند ستانی معاشرہ کے بعض عناصر کا نہایت شرمناک رویہ سامنے آیا۔ پہلے تو جنوری میں رام سینے کے جیالوں نے منگلور، کرناٹک، کے ایک شراب خانے میں موجود عورتوں کو زد و کوب کیا؛ پھر چنئی (سابق مدراس)کے وکلا ء کے خلاف دیکھتے ہی گولی مار دینے کے احکامات جاری ہوئے ؛ ادھر بی۔ جے۔ پی۔ کے طلبہ کی تنظیم کے ممبروں نے ناگپور یونیورسٹی میں توڑ پھوڑ کی ؛ یہی کچھ بمبئی یونیورسٹی کے فورٹ کیمپس میں مہاراشٹرا نَو نِرمان سینا والوں نے دہرایا ؛ ریاستی اسمبلیوں میں اراکین کی ہلڑ بازی کے بعد ایسا ہی تماشہ دلی میں پارلیمان میں بھی دیکھنے میں آیا۔ اور یہ سارے احتجاج تعلیم یافتہ لوگ کر رہے تھے۔ ۔۔۔ معاشرے کے غریب طبقات اس نا معقول تشدد مین ملوث نہیں پائے گئے۔ ملک میں یہ غلط فہمی عام طور سے پھیلی ہوئی ہے کہ تعلیم تمام مسائل کا حل ہے۔ حالانکہ یہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ تہذیبی اور ثقافتی شعور سے عاری تعلیم باعث خطر ہو سکتی ہے۔۔۔۔ سب سے زیادہ ہولناک تو چنئی کے وکلاء کا رویہ تھا جنہوں نے عدالت کے اندر۔۔۔ بد تہذیبی کا مظاہرہ کیا اور ججوں کی چیخ پکار سن کر وہاں سے بھاگ نکلے۔۔۔
- ڈی این اے (DNA -Daily News & Analysis )، ممبئی، اداریہ Violent Culture / اتوار، ۲۲ فروری ۲۰۰۹

گفتہ

اوروں کی تو خبر نہیں، ہندستان کے دین دار مسلمانوں کے گھروں میں بچوں کو ایک دعا دی بھی جاتی ہے اور سکھائی بھی جاتی ہے کہ اے اللہ، صرف علم نہیں، نفع پہنچانے والا علم عطا کر۔ باقی ملک میں سارا زور بس مالی نفع کی ضمانت دینے والے علم پر ہے۔ تو دولت کی دوڑ میں ملک پیچھے نہ ملک کے پڑھے لکھے باشندے۔ اور رہ گئے غریب غرباء، تو انہیں دھاراوی جیسی گندی بستیوں سے باہر اسی وقت نکالا جاتا ہے جب ان کے نام پر امریکہ کے ہالی ووڈ اور بمبئی کے خالی ووڈ کے دیوتاؤں کو کچھ ملین ڈالر کا مالی نفع ہو۔ ورنہ انہیں وہیں تہذیب کلچر کرنے اور پسماندہ رہنے کے لئے چھوڑ دیا جاتا ہے -کسی بڑے فساد میں مارے جانے کے کام آتے ہیں ایسے لوگ۔
سوال یہ ہے کہ آدمی پڑھتا کیوں ہے ؟اس کا عام جواب ہو گا کہ اچھی نوکری کے لئے، اور کیوں !اچھی نوکری سے مراد ہوتی ہے اونچی آمدنی۔ یعنی جتنی اونچی تعلیم اتنی اونچی تنخواہ اور اتنا اونچا ’’معیار‘‘ زندگی: یعنی کسی بھی شہر کے بہت مہنگے علاقے میں ایک عالیشان گھر، ایک چمچماتی کار، اور وہ تمام ضروریات زندگی جن کی یا تو انسان کو ضرورت ہی نہیں پڑتی یا کبھی اتفاق ہی سے ان کا استعمال ہوتا ہے۔
تو جب تعلیم کے بارے میں یہ انسان کا نقطۂ نظر ہو تو اس سے وہ توقعات وابستہ کرنا ہی غلط ہو گا جو نفع پہنچانے والے علم کی دعا مانگنے والوں کے پاس طرز زندگی بن جاتا ہے۔ یہ دو متوازی نہیں متضاد رویئے ہیں۔ ان کا کوئی نقطۂ اتصال ہے نہ خط آہنگ۔
لیکن وقت کا سچ یہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ اونچی آمدنی لازمی نہیں ہوتی۔ میں علی گڑھ سے واپس بمبئی آیا تو ایک دوست نے ایک کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی قائم کی۔ ڈائریکٹر بننے کے لئے ایک ہزار روپے کے شیئرس خرید نے کی شرط تھی۔ میری جیب میں ہزار پیسے نہ تھے، تو دوست نے مجھے مفت کا ڈائریکٹر بنا دیا اور سوسائٹی کے افتتاح کے لئے چیرمین صاحب کے ہاں چلنے کی دعوت دی۔ چیرمین صاحب کا پرانے لوہے کا کاروبار تھا۔ لاکھوں میں کھیل رہے تھے۔ اور انگوٹھا چھاپ تھے۔ میں نے دل میں کہا، صاحب، تم تو بڑے پڑھے لکھے ہو اور مفت کے ڈائریکٹر بنے پھرتے ہو اور یہ ان پڑھ صرف اس لئے چیرمین ہیں کہ پانچ ہزار روپے کے شیئرز خرید سکتے تھے۔ برسوں بعد قسمت پلٹی۔ اونچی تنخواہ ہوئی تو اطراف میں دیکھ کہ ہم سے زیادہ عالم فاضل لوگ بے روزگار ہیں۔ تو کہاں گیا تعلیم اور جہل کا امتیاز؟
ثابت یہ ہوا کہ دو چیزیں کسبی نہیں بلکہ محض اللہ کا انعام ہوتی ہیں : ایک دولت اور دوسرا علم۔
علم اور تعلیم کا اصل مقصد زندگی کا سلیقہ سکھانا، احساس ذمہ داری پیدا کرنا، برے بھلے، حلال حرام، حق و باطل کی تمیز قائم کرنا ہوتا ہے۔ اور ان میں سے کوئی بات انسان میں پیدا نہ ہو سکے تو وہ ایک ایسے چار پایہ کی مثال رہ جاتا جس پر کتابوں کا بوجھ لاد دیا گیا ہو۔ آج جا بجا یہی نظر آ رہا ہے۔ یہی سب سے بڑی دین ہے ہمارے موجودہ نظام تعلیم کی جس سے تربیت کا کوئی تعلق باقی نہیں رہنے دیا گیا۔
یوں تو اس جدید نظام تعلیم کی طرح ہمارے کچھ بزرگوں نے ڈیڑھ سو برس پہلے انگریز بہادر کی مکمل کامیابی کے بعد ڈال دی تھی، مگر میرے سن شعور کو پہنچنے کے بعد جب اس پر برگ و بار آئے تو وہ وقت اور واقعہ مجھے ۵۷ سال کے بعد بھی اس طرح یاد ہے جیسے کل کی بات ہو۔ جنوری۱۹۵۰ میں ہندستان کا دستور نافذ ہوا، اور فروری ۱۹۵۲ میں ملک کے پہلے جمہوری انتخابات ہوئے۔ پہلی بار نئی جمہوری حکومتیں بننے کے کچھ دو تین مہینے بعد نئی سرکاروں کو خیال آیا کہ ایک سیکولر ملک میں مذہبی تعلیم کا کیا کام۔ تو سرکاری امداد سے چلنے والے سکولوں کو حکم دیا گیا کہ فوراً مذہبی تعلیم بند کر دیں۔ سو کر دی گئی۔
کسی کو پتہ ہے مسلمانوں کے سکولوں میں دی جانے والی مذہبی تعلیم کیا تھی؟ ایک تو وہی نماز کیسے پڑھو، روزہ کیسے رکھو۔ اس کے بعد یہ کہ سچ بولو، دھوکہ نہ دو، اپنے کام ایمان داری سے کرو۔ تو سرکاروں نے کہا، توبہ توبہ، مذہب کے نام پر کیسی باتیں بچوں کو پڑھائی جا رہی ہیں۔ تو یہ تعلیم الاسلام تو بند ہو گئی۔ مگر ابھی دیگر درسی کتابوں میں ایسی تباہ کن باتیں ہوا کرتی تھیں۔ مثلاً ایک ہرنی اور اس کے بچے کے ساتھ محمود غزنوی کے والد سبکتگین کی رحمدلی کا قصہ، گھریلو ملازموں کے ساتھ اچھے سلوک پر سید احمد کا واقعہ، بچیوں کو سگھڑ بنانے کے لئے صالحہ کے انتظام خانہ داری پر ڈپٹی نذیر احمد کا مضمون۔ پھر یہ باتیں بھی متروک ہوئیں۔ جانوروں کے ساتھ رحمدلی کے لئے امریکہ میں بنی ہوئی ایک تنظیم آ گئی اور مینکا گاندھی نے وی۔ پی۔ سنگھ کی روئیں دار ٹوپی اتروا کے نقلی بالوں کی ٹوپی ان کے سر منڈھ دی کہ روئیں دار ٹوپی جانوروں پر ظلم کی علامت ہے، اور ٹوپی نقلی ہو تو آدمی کو نقلی بننے میں آسانی ہوتی ہے۔ ملازموں کے لئے روس میں بنی ہوئی ٹریڈ یونئن لے آئے تاکہ گھریلو کام کرنے والوں کو بھی ہڑتالیں کرنے کی سہولت میسر آئے اور یوں گھرکے بچوں بڑوں میں اپنی عزت کے عوض وہ اپنی تنخواہیں بڑھوا سکیں۔ جانوروں کے ساتھ رحمدلی ثابت کرنے کے لئے گھر میں کتا لایا گیا تو ایسی ترقیوں سے اخراجات بڑھے اور صالحہ اور سنیتا کو گھر کی آمدنی بڑھانے کے لئے خود ملازمت کرنی پڑی۔ چنانچہ بچوں کی تربیت کی ذمہ داری بڑی تنخواہ والے گھریلو ملازموں کے سپرد کر دی۔ ایسی صورت میں صالحہ کا انتظام خانہ داری جیسا سبق بھی درسی کتاب سے نکال دیا گیا اور سبکتگین کا واقعہ بھی، کہ یہ سب ترقی سے پہلے کے پسماندہ لوگوں کی خراب عادتیں تھیں۔
سچ بات یہ ہے کہ ہمارا نظام تعلیم ڈیڑھ سو برس پہلے گورے حاکموں سے بد ترین مرعوبیت نے مرتب کیا تھا۔ لارڈ میکالے جیسوں کے منہ کالے بلا وجہ ہوئے۔ ہم خود احاطہ کالے صاحب سے نکلنے کو بے چین تھے۔ بالآخر خون کو گورا کر کے تہذیبی گورستان کے ہو گئے۔
اچھا چھوڑیئے کہ سو ڈیڑھ سو برس پہلے کیا ہوا تھا۔ بات تو اب کی ہے۔ ملک کو آزاد ہوئے ۶۲ برس ہوئے۔ قوم کی مال گاڑی سرمایہ کاری کا راکٹ بن چکی ہے۔ ایک ارب انسان سپر پ اور بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں جن میں سے ۴۰ کروڑ غربت سے نچلی سطح پر جی رہے ہیں جن کی روزانہ آمدنی ایک امریکی ڈالر سے کم ہے۔ نیو کلیئر بم، بم بردار میزائل، آسمانی راکٹ بن چکے اور چاند کو چھونے کی تیاری ہے۔ اور ملک کے پڑھے لکھے لوگ دیگر نہایت اہم کاموں میں مشغول ہیں : مثلاً عورتوں پر جوانمردوں کی دست درازیاں۔ عدالت کے اندر وکیلوں کا ہلڑ۔ یونیورسٹیوں میں توڑ پھوڑ، طمنچہ بازی، طلبہ کا قتل، طالبات کی بے آبروئی، وائس چانسلروں کی رہائش گاہوں کو نذر آتش کرنے کے کارنامے۔ ریاستی اسمبلیوں اور مرکزی پارلیمان میں منتخب روزگار لوگوں کا دنگا فساد تو نئی بات نہیں رہ گئے۔ یہ سارے کام کرتا کون ہے ؟ ہندستان میں ۳۹ فی صدی - یعنی ۴۳ کروڑ - باشندے غیر تعلیم یافتہ ہیں، یعنی اپنے دستخط بھی نہیں کر سکتے۔ تو کیا پارلیمان اور اسمبلیوں، یونیورسٹیوں وغیرہ میں یہ جاہل لوگ گھس آئے اور اس تمام بد تہذیبی کے مرتکب ہو رہے ہیں، یا یہ سب تعلیم یافتہ لوگ ہیں ؟
بات یہ ہے کہ ہم نے جب نیا تعلیمی نظام قبول کیا تو ایسی ہر بات کو حقارت سے رد کر دیا جس سے قدامت کی بو آتی تھی۔ پہلی ضرب تو پرانے نظام تعلیم ہی پر پڑی تھی۔ اس کے بعد اب لاکھ نعرے مارتے پھرو کہ نوکروں کے ساتھ حسن سلوک کرو، جانوروں کو ایذا نہ پہنچاؤ، انسانوں کا احترام کرو، جھوٹ نہ بولو، فریب نہ دو۔ نئی نسلیں عقل سے کوری تو تھیں نہیں۔ اگر یہی سب کچھ کرنا تھا تو نئی تعلیم کی ضرورت کیا تھی! پہلے گھروں میں سب عالم فاضل نہیں تو منشی فاضل تو ہوتے ہی تھے۔ اور روشن دماغ مصلحین کے نزدیک اگر وہ لوگ قابل اعتنا ہوتے تو نئے نظام تعلیم کی ضرورت ہی کیا تھی۔ پھر بھلا نئے نظام تعلیم میں ایسی کسی بات کی گنجائش کیوں رکھی جائے جو آدمی کو عالم فاضل منشی فاضل بناتی ہے۔ آنکھ بند کر کے مذہبی تعلیم کو دریا برد کیا گیا تو اخلاقیات کا خانہ تو خود ہی خالی ہو گیا۔ تو اب رونا کس بات کا اور کیوں ؟

ابھی کچھ برس پہلے جاگیرداروں اور زمینداروں کے گھروں میں ایک جملہ سننے میں آیا کرتا تھا کہ بچوں کو پڑھا لکھا کر کیا کرنا ہے، ان سے نوکریاں تھوڑی کروانی ہیں۔ گورا راج سے پہلے ایسے فقرے کا کوئی سراغ مجھے نہیں ملا، اس لئے کہ اُس دور میں یہی زمیں دار، جاگیردار اور منصب دار تو ترقی کر کے سپہ سالار اور صوبیدار اور وزیر اعظم بنا کرتے تھے۔ اب اُ س زمانے میں نہ پڑھتے تو ڈنڈے بجانے کے قابل بھی نہ ہوتے۔ انگریزوں کی خدائی میں کچھ پڑھ لکھ کے بہت تیر مارا تو ڈپٹی صاحب بن گئے، تو اس سے اچھی اپنی جاگیر ہوتی تھی، اور جاگیروں کے انتظام کے لئے کونسی کالج کی ڈگری درکار تھی۔
اب تعلیم تو مقابلتاً بہت عام ہو گئی مگر علم مفقود ہو گیا۔ بے شک وہ علم تو بہت وافر مقدار میں پھیل چکا ہے جس کے بارے میں کسی نے کہا تھا کہ روٹی تو کسی طور کما کھائے مچھندر۔ اب ہر مچھندر روٹیوں کے انباروں تلے دفن ہے۔ لیکن روٹی کے آگے پیچھے کی کچھ خبر نہیں۔ یہاں کنیڈا میں شمالی امریکہ کی ایک بہت بڑی کمپنی ہے۔ ہے کیا کبھی تھی۔ آٹھ سال پہلے اس نے اچانک بیٹھنا شروع کر دیا۔ اب جلد ہی دیوالیہ ہونے والی ہے جب اسے پہلا جھٹکا لگا اس وقت ہم جیسے کم علم لوگوں کو اندیشہ ہوا کہ حصہ داروں کے اجلاس عام میں انتظامی افسر اعلیٰ کا حشر خراب ہو گا۔ مگر تین الف نے جلسۂ عام میں بڑی معصومیت سے اعلان کیا کہ وہ تو اپنی وظیفہ یابی کا منصوبہ بنا رہا تھا، اسے فرصت ہی نہ ملی یہ دیکھنے کہ بازار بھاؤ کہاں جا رہا ہے۔ اس صاف گوئی پر سارے حصہ دار اس قدر خوش ہوئے کہ تین الف کو لگ بھگ ۳۵ ملین ڈالر کی حقیر سی رقم دے کر عزت آبرو سے رخصت کر دیا۔ ابھی اسی ہفتہ کی بات ہے امریکی حکومت نے دنیا کی سب سے بڑی انشورنس کمپنی کو ڈوبنے سے بچانے کے لئے ۱۷۳ میلن ڈالر کی امداد دی۔ کمپنی کی انتظامیہ نے فوراً ۱۶۵ میلن ڈالر اپنے منظور نظر ’’ملازمین‘‘ کو بطور بونس عطا فرما دئے۔ قصہ مختصر، یونیورسٹیاں تعلیم سے مچھندروں میں یہی اہلیت پیدا کر رہی ہیں۔ پچھمی دیسوں میں ایسی تعلیم دینے والوں کو نوبیل انعام وغیرہ دئے جاتے ہیں۔ ہندستان پاکستان میں نوبیل قسم کا کوئی بیل بھینسا تو نہیں ہے مگر تعلیم سب کی یہی ہے۔
ڈاکٹر قاضی رضوانہ شمیم اور نگ آباد کے مولانا آزاد کالج میں اردو کی لیکچرر ہیں۔ ’’نوجوان نسل کا تذبذب‘‘ کے عنوان سے ان کا ایک مضمون اور نگ آباد ٹائمز کی ۹ مارچ ۲۰۰۹ کی اشاعت میں شائع ہوا ہے۔ یہ پرانے طرز کی استاذ لگتی ہیں جن کو بچوں کی تربیت سے بھی دلچسپی ہے اور نوجوانوں کی ذہن سازی بھی کرنا چاہتی ہیں۔ اگرچہ یہ مطالعہ صرف مسلمانوں تک محدود ہے مگر اس سے عمومی نتائج اخذ کئے جا سکتے ہیں۔ وہ لکھتی ہیں :نئی نسل علم کے انبار میں رہتے ہوئے بھی بے راہ روی کا شکار ہے، حلال حرام، حق و باطل کا فرق بھول بیٹھی۔ مذہب کی چھوٹی چھوٹی اور بنیادی باتوں کا بھی علم بچوں کو نہیں۔ جھوٹ بولو، کسی کا مذاق اڑاؤ، کسی کو ستاؤ، ٹیچر کو نشانہ بناؤ۔ کئی وجوہات ہیں۔ گھریلو ماحول، والدین کی غفلت، مذہبی افکار و خیالات کا فقدان، محفلوں سے مذہبی ذکر و افکار کا ختم ہو جانا، چلتے پھرتے، اٹھتے بیٹھتے جو باتیں، جو تربیت واقعات و حکایات کے ذریعہ دی جاتی تھیں اس کا ماحول نہیں رہا، جس کے نتائج سامنے ہیں۔ نا پختہ، کچا اور کم علم رکھنے والی نوجوان نسل کا اساتذہ سے روزانہ سابقہ پڑتا ہے۔ یہ طبقہ ایک دو نہیں ہزاروں کی تعداد میں ہے اور شکوک و شبہات کا شکار ہے۔
ان نوجوانوں کی تربیت کے لئے کوئی آگے بڑھتا ہے نہ کوئی نظم ہے۔ ان کے کچے اور نا پختہ ذہن اسی شک و شبہ کی فضا میں پختہ ہو جاتے ہیں، اور پھر مچھندر بن کر شہر شہر، قریہ قریہ، گلی گلی، یونیورسٹی یونیورسٹی ہلڑ کرتے پھرتے ہیں۔ ان کی حرکتوں پر ہم، ہمارا ابلاغیہ، ہمارے تعلیمی ادارے واویلا مچاتے ہیں۔ مگر کیوں ؟یہی فصل تو بوئی تھی۔ نیم پر تو نبولی ہی پھلتی ہے۔ نبولی کڑوی ہے تو اس بیچاری کا کیا قصور؟طمانچہ لگانا ہے تو آئینہ کے سامنے جاؤ۔ اپنا چہرہ اچھا نہ لگے تو منہ ٹھیک سے دھو، ورنہ اپنا کیا بھگتو۔ یہی نقد سودا ہے : اس ہاتھ دے اس ہاتھ لے۔
٭٭٭

تباہیاں

نکتہ

ہمارے گھر ا یک بار پولس کی دوش پڑنا مجھے یاد ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کسی شریف مرہٹہ خاندان کا پڑھا لکھا اور علم دوست آدمی تھا۔ اباجی سے واقف تھا۔ اس نے پولس بھیجنے سے آدھے گھنٹہ قبل خود ہی ا پنے منشی کے ذریعہ اطلاع کروا دی تھی کہ (کمیونسٹ پارٹی کے اخبار) نیو ایج کے فائل فوراً ہٹا دیجیے۔ پولس آئی، بیدردی سے کتابوں کی الماریاں الٹیں، اور بوروں میں ٹھونس ٹھونس کر وہ کتابیں اور رسالے اپنی لاری میں لاد کر لے گئی جن کی تلاش اسے تھی ہی نہیں۔ افلاطون و ارسطو سے لے کر امام رازی، شاہ ولی اللہ، مل، اسپنسر، فرائڈ، یونگ، ٹائن بی، رسل، ہیرالڈ لاسکی اور نہ جانے کن کن علما(! - اہل علم ) کی کتابیں۔ شیکسپئر، مارلو، ورڈسورتھ اور آرنلڈ سے لے کر برنارڈ شا، ییٹس، پاونڈ اور ایلیٹ تک کے کلیات نظم و نثر، نیو بک کمپنی اور نیو انگلش لائبریری، لندن، کے مطبوعہ خوبصورت اسپیشل اڈیشن، ہر جلد کی پشت پر روشن خط میں اباجی کا نام چھپا ہوا۔ اردو فارسی کی نایاب و کمیاب مطبوعات، عاریتاً جو کتابیں لیتے تھے ان سے نقل کئے ہوئے نوٹس پر مشتمل بیسیوں ضخیم بیاضیں۔ کس کس کا ذکر کیا جائے۔ سب لے گئے۔ خدا معلوم انہیں جلایا کہ دریا برد کیا۔ بہر حال پھر یہ کتابیں ہمارے گھر واپس نہیں آئیں۔
- ذکا صدیقی
عرض مرتب / مکاتیب حبیب - حبیب الرحمٰن الصدیقی کے خطوط/ امراوتی ۱۹۹۸ /ص ۱۳

گفتہ

کیا پولس یا فوج کو کسی ملک یا قوم کی تہذیب یا ثقافت کا نمائندہ قرار دیا جا سکتا ہے ؟ ذرا سخت سوال ہے۔ بڑی مہذب اور ترقی یافتہ قوموں کی عزت داؤ پر لگ سکتی ہے۔ لیکن داؤ پر تب لگے جب انہیں اس کی پروا ہ ہو۔ تاریخ تو خالی نہیں۔ لکھی ہوئی دنیا بھر کی الماریوں میں محفوظ ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ لوگ اسے نہ پڑھیں یا اس کے لکھے پر نادم نہ ہوں۔ یا کیا خبر اس تاریخ کے لکھے ہی کو اپنے غرور کی سند مانتے ہوں۔ آخر نومبر ۲۰۰۵ میں امریکی صدر ڈبیا بش بھی تو منگولیا گئے تھے، صرف اس بات کا شکریہ ادا کرنے کے لئے کہ جس بغداد کو ۱۲۵۸ میں منگول ہلاکت خان ہلاکو نے تاخت و تاراج کیا تھا اور جہاں ۲۰۰۳ میں امریکی جیالوں نے وہی تاریخ دہرائی تھی ان کی مدد کرنے کے لئے اس بار منگولیا نے ۱۶۰ فرد کی کمک بھیج رکھی تھی۔ تو اب کوئی کہے کہ بغداد کی پہلی تباہی پر منگول شرمندگی کا اظہار کریں تو بھلا کیوں کہ اب تو ان کے پاس امریکی صدر کی دی ہوئی تہذیب آزادی کی سند بھی موجود ہے۔ لیکن کیا تاریخ میں ہلاکو کو تہذیب اور جدید سند کے مطابق جمہوریت اور آزادی کا نمائندہ کہا جا سکتا ہے ؟ اور کیا اب سے کچھ برس بعد خود سابق امریکی حاکم کو آزادی اور جمہوریت اور انسانی حقوق، اور انسان کی شرافت اور مکرمت کا نمائندہ تسلیم کیا جائے گا؟ اس دوسری بات میں تو بہت سے امریکیوں کو بھی شبہ ہے۔
بہر حال ایسے سارے سوال بے معنیٰ ہیں۔ کیونکہ چنگیز و ہلاکو کو بھی خبر تھی اور امراوتی کے پولس کے جوان بھی جانتے تھے کہ وہ جو کچھ کر رہے تھے اسے ان کا اپنا ضمیر برا کہہ رہا تھا۔ خیر، ضمیر صاحب کی بھی کچھ زیادہ پرواہ نہیں کی جاتی۔ ہاں جب کھیل ختم ہو جاتا ہے تو یہ ہمزاد جو دل اور دماغ کے رگ و ریشہ میں چھپا رہتا ہے اپنا سر ابھارتا ہے اور پھر جینا حرام کر دیتا ہے۔ اخباروں میں کبھی کبھار ایسی اطلاعات چھپ جاتی ہیں کہ فلاں قتل عام کا ذمہ دار لیڈر بے خوابی کا شکار ہو گیا ہے، راتوں میں بد ہیئت ہیولے دیکھتا ہے، مظلوموں کی کراہیں اور چیخیں کانوں میں گونجتی سنتا ہے، تکئے پرسر دے دے کر مارتا ہے، اور کسی ترقی یافتہ ملک کا باشندہ ہو تو نفسیاتی علاج کروانے میں باقی پوری اجیرن زندگی گزار دیتا ہے مگر سکون سے نا آشنا رہتا ہے۔ نفسیاتی معالج میسر ہو نہ ہو، وہ جیتی آنکھوں دیکھتا ہے کہ عذاب کسے کہتے ہیں۔
امراوتی جیسے چھوٹے سے مقام پر ایسا تو کوئی واقعہ نہیں ہوا تھا مگر ایک ایسا واقعہ ضرور ہوا تھا جسے تاریخ نے محفوظ کر لیا۔ آزاد ہندستان کی پولس اس میں ملوث تھی۔ پولس بے چاری بھی کیا کرے۔ بڑے افسروں کا حکم ماننا پڑتا ہے، ورنہ رنگروٹ کے چہرے اور گھر کی دیواروں کا رنگ جمہوریت میں بھی اتر سکتا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ نیورمبرگ کی جنگی عدالت نے جرمنی کے ناتسی ملزموں کی یہ دلیل مسترد کر دی تھی کہ وہ اپنے اعلی افسروں کے احکامات بجا لا رہے تھے اس لئے اپنے جرائم کے اصل ذمہ دار نہ تھے۔ جنگی عدالت کا فیصلہ تھا کہ ان ملزموں کو اپنے اعلی افسروں کی حکم عدولی کرنی چاہیئے تھی، جیسے ان مقدمات کے بعد آزاد ملکوں میں اب ایسا ہی ہوتا ہو۔
امراوتی کے اس واقعہ کی تفصیلات پڑھ کر بغیر کسی محنت کے مجھ دس ایسے واقعات یاد آ گئے جن کو امراوتی کی پولس چاہے تو اپنے لئے تمغہ بنا لے یا ایک ہنہ کہہ کر ٹال دے۔
ایک: ۴۸ ق م : اسکندریہ کا کتب خانہ - بحیرہ متوسط پر مصر کے شہر، بطلیموس اور قلوپطرہ کے پایہ تخت، اسکندریہ، میں بطلیموس اول سوطر یا اس کے بیٹے بطلیموس ثانی نے ایک کتب خانہ بنایا تھا جسے ۴۸ قبل مسیح میں روم کے حاکم جولیئس سیزر نے جلا ڈالا تھا۔ مغربی مورخین نے پہلے تو صدیوں بعد آنے والے مسلمانوں کی گردن پراس آتش زنی کے الزام کا دُھرا رکھا؛ مگر جب تاریخ نے منہ چڑھایا تو شرمندہ ہوئے بغیر عرض کیا کہ جولیئس سیزر نے ’’حادثاتی‘‘ طور پر وہ کتب خانہ جلا دیا تھا، کہ اس واقعہ کے سو سال بعد پیدا ہونے والاپلوٹارک بھی مسلمانوں کے ظہور سے ۵۰۰ سال پہلے یہی تحریر کرتا ہے۔ بات اتنی تھی کہ بطلیموس کو پڑھنے لکھنے اور تحقیق و تجربات کا شوق تھا۔ وہی تحقیقات ایک کمرہ میں رکھ چھوڑی تھیں۔ اب سیزر صاحب کوئی حقہ سگریٹ بیڑی تو پیتے نہیں تھے کہ حادثہ ہو گیا۔ کتابیں اچھی نہ لگیں، انہوں جلا دیں۔ قصہ ختم ہوا۔ دو ہزار سال تک کسی نے ان کا کیا بگاڑ لیا۔ وہ آج بھی عزت مند ہیں۔ کتابوں کا کیا، وہ تو ہوتی ہی ہیں جلانے کے لئے یا ان کے ورق ورق میں سورتی تمباکو، بنارسی پان کی گلوریاں لپیٹنے اور پسی ہوئی ہلدی، مرچ کی پڑیاں بنانے کے لئے۔
دو: کلیسا کی علم بیزاری - نویں صدی کے آغاز میں عباسی بادشاہ مامون الرشید کو پرانے یونانی علوم کی بازیافت سے دلچسپی ہوئی۔ اُس زمانے میں خود یونان میں سقراط، بقراط، افلاطون، ارسطو، جالینوس کا نام جاننے والے باقی نہ رہے تھے۔ مشرقی چرچ کا مرکز قسطنطینہ تھا اور اس کے اثرات یونان سے روس تک تھے۔ مامون نے قسطنطینہ کے رومی بادشاہ کو لکھا کہ قدیم یونانی کتب میں سے کچھ بھیجو۔ وہ کتابیں کلیسا کے کسی تہہ خانے میں بند پڑی مٹی کھا رہی تھیں۔ بادشاہ نے کلیسا سے پوچھا تو پیران کلیسا نے کہا بھیج دو، یہ کتابیں مسلمانوں کو گمراہ اور ان کے دین سے دور کر دیں گی۔ یہ کتابیں بغداد پہنچیں تو علمی حلقوں میں جشن کا سماں تھا۔ ان کے ترجمے ہوئے اور پھر ان عربی ترجموں کے یونانی، لاطینی، ڈچ، جرمن اور انگریزی ترجمے ہوئے اور یوں یورپ میں نشاۃ ثانیہ - نئی زندگی - اور پھر اصلاح مذہب اور پھر صنعتی انقلاب کا راستہ کھلا۔ اب آج یہ کون یاد رکھے کہ نویں صدی میں کلیسا کا ان کتابوں کے بارے میں کیا خیال تھا۔
تین : ۱۲۵۸ : فتنۂ تاتار - ایتھنز اور قسطنطینہ سے کتابوں کی بغداد درآمد کو کچھ ساڑھے تین سو سال گزرے، اس اثنا میں بلا مبالغہ لاکھوں کتابیں عربی میں لکھی گئیں۔ بغداد، کوفہ، نیشاپور، دمشق، رے، ہرات، غزنی، بلخ، بخارا، ترمذ، کاشغر، مرو، قرطبہ، غرناطہ، اشبیلیہ، برشلونہ، طلیطلہ جیسے ہر اسلامی شہر میں بیسیوں لائبریریاں تھیں۔ قرطبہ کے دوسرے اموی بادشاہ الحکم ثانی (۹۷۶-۹۱۵)کے ذاتی کتب خانے میں چار سے چھ لاکھ تک کتابوں کی موجودگی کا ذکر تاریخ میں ملتا ہے جن میں سے ۴۰ فی صدی کتابیں اس نے پڑھ لی تھیں اور ان کے حاشیوں پر تبصرے لکھے تھے۔ پھر آیا تِموچِن جس نے چنگیز خان کا لقب اختیار کر کے بخارا و بلخ سے مرو، نیشا پور، رے اور خیوا تک سارے کتب خانے تہس نہس کر ڈالے۔ اس چنگیز کا پوتا ہلاکو، عباسی سلطنت کے آخری وزیر اعظم ابن علقمی کی شہ پر۱۲۵۸ میں بغداد پر حملہ آور ہوا اور وہاں اس نے وہ تباہی مچائی کہ تین دن تک دریائے دجلہ کا پانی مقتولوں کے خون سے سرخ اور پھر تین دن تک دریا برد کی جانے والی کتابوں کی روشنائی سے سیاہ رہا۔ مولانا حالی نے حیات سعدی میں مورخین کے حوالے سے لکھا ہے کہ بغداد میں ’’آٹھ لاکھ مسلمانوں کا خون منگولوں کی تلوار سے دجلہ کی ریتی میں بہہ گیا‘‘۔ اسی کارنامے کی داد دینے کے لئے اور اپنے ہم مثال کارنامے کی داد لینے کے لئے ڈبیا جی نے نومبر ۲۰۰۵ میں اُلان باتور تک کی دوڑ لگا ئی تھی۔
چار: ۱۴۹۲ : ہسپانیہ کی آتش نفرت - تاراجی بغداد کے اس واقعہ کے ڈھائی سو سال بعد ۱۴۹۲ میں دور مغرب میں شہر غرناطہ میں کچھ اسی قسم کا کھیل اسپینی پادری زی مِنِس نے کھیلا۔ اس کو بادشاہ فرڈیننڈ اور خاص طور سے ملکہ ازابیلا کی مکمل سرپرستی حاصل تھی۔ اس کے ماتحت ا مراوتی کے پولس والوں جیسے بہت سے کارندے تھے جو مہینوں تک دن بھر مسلمانوں کی ذاتی لائبریریوں پر چھاپے مارتے، کتابیں جمع کرتے اور انہیں شہر کے چوک میں ڈھیر کرتے جاتے۔ اور رات کو پاگل پادری خود وہاں آتا اور کتابوں کے اس ڈھیر کو آگ دکھاتا۔ تماش بین شراب کے نشے میں دھت ناچتے گاتے۔ پادری زیمنس نے روز رات کے اس آگ کے کھیل کو اچھی آگ، آتش خوب - Bon Fire - کا نام دیا تھا۔ اس آگ کے کھیل کو تو لوگ بھول بھال گئے، ہاں آتش نفرت کے لئے bonfire کا فقرہ خود ہمارے پڑھے لکھے لوگوں کی زبان و قلم کا امتیاز آج بھی ہے۔ آخر انگریزی میں اس کا مطلب اچھا ہوتا ہے نا۔
پانچ : ۱۸۵۷ : سولیوں کی تحریر - آزادی ہند کی پہلی ہمہ گیر جد و جہد کو انگریزوں نے غدر کہا، سر سید نے بغاوت کا نام دیا، حاجی امداد اللہ نے جہاد حریت قرار دیا۔ جنگ۱۸۵۷ کا جو نتیجہ نکلا سو نکلا، لیکن جنگ ختم ہونے کے بعد گوری فوجوں نے قتل و خون اور تباہی و تاراجی کا جو بازار گرم کیا وہ اپنی نظیر آپ تھا۔ دلی اور آگرہ کے قلعوں اور تاج محل میں مرمریں دیواروں پر جواہرات سے جو بیل بوٹے بنائے گئے تھے وہ سارے اکھاڑ کر لے گئے، ان کی جگہ آج چیچک کے داغ سے پڑے نظر آتے ہیں۔ انگریز فوجی افسرکرنل ٹامسن نے ریبیلئن کلیرکس کے عنوان سے اپنی یادداشتوں میں (ص ۴۹) اعتراف کیا ہے کہ ۱۸۶۴ سے ۱۸۶۷ تک ۰۰۰، ۱۴ مسلم علما کو پھانسی دی گئی تھی۔ سید کمال الدین حیدر حسنی الحسینی کی قیصر التواریخ مطبوعہ ۱۸۹۶ میں مقتول علماء کی یہ تعداد ۰۰۰، ۲۷ درج کی گئی ہے۔۔ ان اہل علم کے گھروں کا کیا حال ہوا ہو گا اس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ مرزا صدرالدین آزردہ، غالب کے دوست اور ان کے دیوان کے ایک مرتب اور مغل سلطنت کے آخری صدر الصدور (چیف جسٹس) کا گھر لٹ گیا۔ دلبرداشتہ ہو کر وہ لاہور چلے گئے۔ ملکہ وکٹوریہ کے عہد کی اس لاقانونیت میں کتنے قیمتی کتب خانے برباد ہوئے اس کا کوئی اندازہ نہیں۔ حدائق حنفیہ، خطوط غالب مرتبہ غلام رسول مہر، اور قیصر التواریخ کے بیانات کے مطابق ۱۸۵۷ میں صرف دلی میں جو کتب خانے تباہ و برباد کئے گئے ان میں سے چند یہ تھے :لال قلعہ کا شاہی کتب خانہ، مرزا ا ٓزردہ کا اپنا اور ان کے مدرسہ دار البقا ء کا کتب خانہ، نواب لوہارو ضیاء الدین خان کا کتب خانہ، مغلیہ سپہ سالارنجف خان کے نواسے ناظر حسین مرزا کا کتب خانہ، شیخ کلیم اللہ جہاں آبادی اور مرزا مظہر جان جاناں کی خانقاہوں کے کتب خانے۔ بقول مرزا غالب، گویا ’’جھاڑو پھر گئی‘‘۔ ہمیں تو اب یہ بھی توفیق نہ رہی کہ اس زمانۂ بے امانی کے بارے میں لکھی جانے والی تحریریں ہی ہمارے پاس ہوں۔ آج تو وہ دوبارہ چھپتی بھی نہیں۔ خواجہ حسن نظامی، ملا رموزی، اشرف صبوحی، راشد الخیری جیسے مصنفوں کا تو نام بھی کسی کو یاد رہ گیا ہو تو حیرت کے مارے چکر آ جائیں۔ یہ بھی کوئی ڈنمارک کے ہانس کرسچیان انڈرسن (۱۸۷۵-۱۸۰۵) کی خیالی کہانیاں ہیں کہ بار بار چھاپی جائیں اور اردو سمیت دنیا بھر کی زبانوں میں ان کے ترجمے بھی شائع ہوں۔
سات : ۴۵-۱۹۳۹ : عالمی وحشت - دوسری عالمی جنگ( ۴۵-۱۹۳۹)کے دوران لاکھوں کی تعداد میں کتابیں دشمن فوجوں کی باہمی بمباریوں میں تہس نہس ہو گئیں۔ ان کا کوئی گوشوارہ کبھی میرے مطالعہ میں نہیں آیا۔ البتہ تصویروں کے ضائع ہونے پر مغربی قومیں اور ان کے ابلا غیہ آج تک روتے آ رہے ہیں۔ آٹوا کے روزنامہ میٹرو کی ۱۸ مارچ ۲۰۰۹ کی اشاعت کے صفحہ ۱۲ پر ایک خبر چھپی ہے کہ ہالینڈ کے ایک تصویر فروش یہودی تاجر کی دکان کی تقریباً ۵۰ روغنی تصاویر کی نمائش اگست میں نیو یارک میں ہو گی۔ یہ تصویر فروش ناتسیوں سے فرار ہوتے ہوئے ۱۹۴۰ میں مر گیا تھا۔ خبر میں یہ ذکر نہیں تھا کہ اس کی وہ تصاویر کس طرح بچ گئیں اور کیسے دوبارہ ان پر قبضہ ہو سکا۔ اہل مغرب میں ایسی دلچسپی میں نے جنگ کے دوران ضائع ہونے والی کتابوں کے بارے میں نہیں دیکھی، حالانکہ کتابیں پڑھنے کا جتنا شوق ان لوگوں کو ہے دنیا میں کسی اور کو نہیں۔
چھ : ۱۹۴۷ : بٹوارے کا بھونچال - سقوط غرناطہ کے ساڑھے چار سو سال بعد ۱۹۴۷ کے ہندستان میں کچھ ایسا ہی دہرایا گیا۔ ان دنوں خون سستا اور پانی مہنگا تھا۔ بٹے ہوئے ملک کی نئی سرحد کے دونوں طرف دیوانگی کا سماں تھا۔ سرحد کے جنوب اور مشرق میں انسانوں کا حال تو برا تھا ہی، ان کے علمی ذخیروں کا حال کچھ ویسا ہی تھا جیسا صدیوں پہلے بغداد اور غرناطہ میں ہوا تھا۔ علامہ راشد الخیری کے پوتے اور ر رازق الخیری کے بیٹے، سعد خیری میرے اچھے دوست تھے۔ وہ نائجیریا اور کسی لاطینی امریکی ملک میں پاکستان کے سفیر رہ چکے تھے۔ انہوں نے ایک بار بتایا تھا کہ جب ان کے والد خاندان کے ساتھ دلی چھوڑ کر پاکستان جا رہے تھے تو خاندان کی لائبریری، عصمت، بنات اور تہذیب نسواں کے مجلد فائل تو نہ لے جا سکے تھے، البتہ ان تینوں ماہناموں کے خریداری رجسٹر سینے سے لگائے ہوئے کراچی پہنچے تھے تاکہ با عزت اور پردہ دار خواتین اور لڑکیوں کے نام اور پتے بدمعاشوں کے ہاتھ نہ لگ جائیں۔ اس دور میں نہ جانے کتنے نجی کتب خانے فسادات کی نذر ہوئے ہوں گے۔ ان کا کوئی حساب کسی نے رکھا نہ کسی کے پاس ہے۔ جن کے کتب خانے تھے وہ لٹ پٹ کر چلے گئے تھے، جو حساب رکھ سکتے تھے انہیں خبر نہ تھی کہ وہ دن سے رات اور رات سے صبح بھی کر سکیں گے کہ نہیں۔
آٹھ : ۱۹۴۸ : حیدرآباد کی شام - نظام حیدرآباد کی ریاست پر ستمبر ۱۹۴۸ میں دہلی کے حکم سے فوج کشی ہوئی تھی جسے سیاسی احتیاط کی خاطر پولس ایکشن کا نام دیا گیا تھا۔ چھ دن لڑائی ہوئی۔ اس ہنگامہ دار و گیر میں حیدرآباد اور اضلاع میں واقع کتنے سرکاری یا نجی کتب خانے تباہ تاراج ہوئے اس کا کوئی گوشوارہ تو مجھے نہیں مل سکا البتہ یہ بات معروف ہے کہ پولس ایکشن کے دوران یا اس کے بعد حیدرآباد کے معروف دار الترجمہ کی لائبریری کو نذر آتش کر دیا گیا تھا۔ اس ادارے نے بے شمار مغربی علمی شاہکاروں کا اردو میں ترجمہ کر کے چھپوایا تھا۔ لائبریری میں وہ اصل کتابیں اور ان کے مطبوعہ اور مخطوطہ ترجمے محفوظ تھے۔ ان جلدوں کی تعداد کا علم مجھے نہیں ہو سکا۔
نو: ۱۹۶۵ : پینترے اور پیچ - آزادی کے بعد پہلی بار ۱۹۶۵ میں ہندستان اور پاکستان نے فن حرب کے مطابق ایک مکمل جنگ لڑی۔ یہ ایک الگ کہانی ہے کہ یہ جنگ کیوں اور کس کی خاطر لڑی گئی تھی۔ اس موقعہ پر بڑی تعداد میں ہندستانی مسلمانوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا تھا۔ ان میں یوسف صدیقی بھی تھے۔ ان کے بیٹے عقیل یوسف علیگ نے مجھ سے ایک بار تذکرہ کیا تھا کہ وہ بمشکل جیل کا پتہ لگا کر اپنے والد سے ملنے گئے۔ ملاقات پولس کی کڑی نگرانی میں ہوئی۔ ملاقات کے دوران باپ نے کہا ان کی الماری میں عطر کی شیشیاں رکھی ہیں، ان کو کہیں حفاظت سے رکھ دینا۔ عقیل یوسف نے بتایا عطر کی شیشیوں سے ان کی مراد قرآن کی تفسیر اور حدیث کی جلدیں تھیں۔ وہ بچ گئیں باقی بہت سی کتابیں خانہ تلاشی میں ضبط اور ضائع ہوئیں۔ اور لوگوں کے ساتھ کیا ہوا یہ شائد محفوظ نہیں ہوا۔
دس : ۲۰۰۳ : پھر اسی دیار میں - عراق پر ۲۰۰۳ کی امریکی جارحیت کے نتیجہ میں وہاں تہذیب ثقافت اور علوم و افکار کو جس منظم انداز میں تاراج کیا گیا اس نے ۷۴۵ سال پہلے اِسی قسم کے اُس واقعہ کا غم تازہ کیا جس کی داد دینے کے لئے ایک شخص کالے کوس کاٹ کے نومبر ۲۰۰۵ میں منگولیا گیا تھا۔ بغداد میوزیم میں در دیوار کے سوا کچھ نہ رہا۔ لائبریریوں میں خاکستر رہ گئی۔ محلے کے محلے بمباریوں میں ڈھے گئے۔ انسان تو پھر بھی جان بچا کر نکل گئے ہوں، مگر ان کے اثاثے، ان کی علمی، ادبی، ثقافتی، تہذیبی میراث کا نام و نشاں مٹ گیا۔ پتہ نہیں کسی نے اس علمی نقصان کا کوئی اندازہ قائم کر کے اسے کاغذ کے سینے پر منتقل بھی کیا کہ نہیں۔
اور گیارہ : تاریخ کی تلف کاری - کل جو کچھ اوروں نے کیا تھا آج وہ مکہ اور مدینہ میں ہو رہا ہے۔ وہ لوگ جنہیں اسلام اور مسلمانوں کی بات بات میں شرک کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا ان تمام عمارات اور تاریخی آثار، حتیٰ کہ پہاڑیوں کو نیست و نابود کر چکے ہیں جن کا اسلام کی ابتدائی تاریخ سے ادنیٰ تعلق بھی تھا۔ مسلمانان عالم کے تاریخی سرمایہ افتخار کی اس بربادی پر نقار خانے میں بولنے والا سامی العنقاوی نام کا ایک ہی طوطی ہے جس کی آہ و بکا دنیا بھر میں کوئی نہیں سنتا۔ کچھ عرصہ بعد اسلام اور اس کے سلف اولین کا کوئی تاریخی اور اثری اور حضری ثبوت موجود نہیں رہے گا، ان بے مثال اسلاف کی شخصیتیں دنیا کے اور بہت سے لوگوں کی طرح فسانہ بن کر رہ جائیں گی اور حقیقت کے طور پر صرف شرک رہ جائے گا، جو ویسے بھی قیامت کی آخری شرط ہے۔ سنا ہے اسی قبیل کے کچھ لوگ ایک بار آٹوا کی مرکزی مسجد کی انتظامیہ کے لئے منتخب ہو گئے تھے۔ مسجد کی ایک بہت اچھی لائبریری بھی تھی۔ ایک بار میں بھی وہاں جمعہ کی نماز کے بعد گیا تھا۔ مسجد کی اُس نئی انتظامیہ نے لائبریری بند کر دی اور کتابیں پھنکوا دیں۔ ان میں امام ابو یوسف کی کتاب الخراج جیسی کتابیں بھی تھیں۔
تو امراوتی میں ایک ایسے شخص کی خانہ تلاشی میں ساری کتابیں اٹھا لے جانے کی کیا اہمیت رہ جاتی ہے جس پر جمہوری دور میں کمیونسٹ ہونے کا شبہ ہو۔ اچھا چلو لے گئے تھے کتابیں۔ اس ڈھیر میں سے کسی ایک بھی پولس والے کے کچھ پلے پڑا ہو گا؟ عقل کے اندھوں کو تو شاہ ولی اللہ اور سپینسر کے فرق کی تمیز تو کجا مراٹھی میں ان ناموں کے ہجوں کی خبر نہ ہو گی۔ اوپر جو شہری یا پولس افسر بیٹھے ہوں گے انہیں کچھ شد بد ہو بھی تو ان کے پاس دوسرے دھندوں سے اتنا وقت کہاں بچتا ہے کہ ایسی خشک کتابیں پڑھیں ؟پھر ایسی کتابوں ہی میں مغز کھپانا ہوتا تو پولس کی نوکری ہی میں کیوں آتے۔
اسی لئے اللہ نے یہ فیصلہ اپنے بندوں پر چھوڑ دیا کہ بطلیموس بن جاؤ یا جولئس سیزر، ہلاکو یا غزالی، گیلیلیو یا کارڈینل بیلرمین، امداداللہ یا ہڈسن، وحیدالدین سلیم یا جوینتوناتھ چودھری، ٹوئن بی یا ٹونی بلیر، حسین شہرستانی یا اورِکاردو سانچیز - عَلَّمَ بِِالقَلَم انسان یا کتاب دشمن عفریت۔ تاریخ کسی نامراد عاشق کا نام نہیں کہ ساحل کی ریت پر انگلی سے لکھ دیا اور تند ہوا کا ایک تھپیڑا یا موج دریا کا ایک طمانچہ لمحوں میں اسے مٹا دے۔ یہ تو وہ انمٹ تحریر ہے جسے حالات کا قلم وقت کے پتھروں پر کھودتا ہے اور آنے والی نسلوں کے لئے سنگین حقیقت کے طور پر محفوظ کر دیتا ہے۔ درست ہے لوگ یہی سمجھتے ہیں کہ تاریخ پڑھنے کے لئے نہیں ہوتی۔ سبق لینے کے لئے بھی نہیں۔ اگلوں کی غلطیوں سے باخبر ہونے کے لئے بھی نہیں۔ آنے والے دور کا کوئی منصوبہ بنانے کے لئے بھی نہیں۔ وہ بار بار دہرائے جانے کے لئے ہوتی ہے۔ تو بس تاریخ یوں ہی پلٹ پلٹ کر انتقام لیتی رہتی ہے۔ ایسے انتقام سے بچنے کے لئے ایک کتاب میں ہے کہ اے لوگو، زمین کی سیر کرو اور دیکھو ان جھوٹی قوموں کے آثار عبرت جو تاریخ کے انتقام کا نشانہ بن گئے، اور اپنی رعونت کے آثار چھوڑ کر صفحۂ ہستی سے نابود ہو گئے۔
اب ایسا رواج تو نہیں رہا، مگر جی چاہے تو اپنے بچوں کو بھی یہ حکایتیں پڑھوا دیں۔ کیا پتہ انہیں اپنی زندگی کا کوئی اہم فیصلہ کرنے میں مدد مل جائے۔ دونوں ہی باتیں ممکن ہیں : یہ نئی نسلیں تہذیب و ثقافت کی نمائندہ بھی بن سکتی ہیں اور پولس یا فوج میں بھرتی ہوں تو کیا پتہ اسے بھی اس نمائندگی کے قابل بنا دیں۔ آخر فوج اور پولس میں بھی ہوتے تو انسان ہی ہیں۔

٭ ٭ ٭

ہرج

نکتہ

اس وقت اس کی عمر ۸۶ سال ہے، مگر دکھائی نہ دینے والے زخم اب تک ہرے ہیں۔ جیروم جوڈوئن Jerome Jodoin دوسری عالمی جنگ سے لوٹا تو ڈراؤنے خواب، کبھی نہ تھمنے والے آنسووں کی جھڑی، اور گہری اداسی اپنے ساتھ لے کر آیا۔ تقریباً سات عشرے گزر جانے کے باوجود اس کے غم اور دکھ کی علامتیں باقی ہیں۔ ’’طرح طرح کی دیوانہ بنا دینے والی باتوں سے دماغ بھرا ہوا ہے : دریاؤں میں بہتی لاشیں اور اسی قسم کی بہت سی باتیں اب تک نظر کے سامنے پھرتی ہیں۔ ‘‘ اس نے کہا ’’جو لوگ وہاں موجود نہیں تھے ان کے لئے ان باتوں کی سنگینی کا تصور کرنا بھی محال ہے۔ یہ تو زندگی بھر کا دکھ ہے ‘‘
- بے نام نامہ نگار
سن میڈیا، روزنامہ ۲۴ گھنٹے 24 hours، صفحہ اول، شاہ خبر، (آزاد اردو ترجمہ: م ط غ)، چہار شنبہ ۲۵ فروری ۲۰۰۹

گفتہ

واقعہ ہے اتوار ۱۵ جولائی ۲۰۰۱کی صبح کا۔ شہر تھا آگرہ۔ بات اٹھائی تھی وید بھسین نے۔ اور آتش ا فشانی کی تھی جنرل پرویز مشرف نے۔
انسانی زندگی میں پیش آنے والے لاکھوں واقعات میں سے ایک یہ واقعہ بھی دنیا تو دور کی بات ہند پاک کے عوام کی بھاری اکثریت کے ذہنوں سے بھی محو ہو چکا ہے۔ مگر اس دن کا ایک جملہ میرے ذہن کی تختی پر یوں نقش ہو گیا تھا کہ جب ایک بے نام نامہ نگار کی رپورٹ میں دوسری عالمی جنگ کے ایک گمنام سپاہی کا لازوال درد سامنے آیا تو مجھے جولائی ۲۰۰۱ کا وہ دن یاد آ گیا۔
پرویز مشرف کا شمار کبھی بھی میرے ممدوحین میں نہیں رہا۔ ان کی فوجی زندگی بے واقعہ اور سیاسی زندگی کسی کی عطا تھی۔ دونوں سطحوں پر انہوں نے کوئی نقش تاریخ کے لئے چھوڑا نہ اپنی قوم اور ملک کے لئے۔ نصف صدی نہیں گزرنے پائے گی وہ چیسٹر آرتھر کی صف میں کہیں لاپتہ ہوں گے۔ تیس کروڑ امریکیوں میں شائد تیس یہ بتا سکیں کہ یہ آرتھر کون تھا۔ مجھے پتہ نہیں امریکہ کے اکیسویں صدر نے زندگی میں کوئی قابل ذکر بات کہی تھی یا نہیں۔ مشرف ایک قابل ذکر بات کی وجہ سے شائد کچھ لوگوں کو یاد رہ جائیں۔
صدر پاکستان مشرف ان دنوں ہندستان کے سرکاری دورے پر وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے مہمان تھے۔ حاضری کے دوسرے دن دونوں وفود دہلی سے آگرہ منتقل ہو گئے اور وہاں پہنچ کر مشرف نے پہلا کام یہ کیا کہ ہندستان کے کچھ بیس پچیس مدیران جرائد کو آگرہ میں اپنے ہوٹیل میں ناشتہ پر مدعو کر لیا۔ یہ ہندستانی صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کا ایک دور تھا جو ٹیلیوژن پر راست ساری دنیا میں نشر کیاٍ جا رہا تھا۔ اخبار نویس اپنی اپنی سوجھ بوجھ کے اعتبار سے سوالات کر رہے تھے۔ ان میں جموں کے معمر کشمیری صحافی وید بھسین نے آتش فشاں کے دہانے کو نوک زبان سے کریدا۔ وہ ایسا کرنے کے عادی تھے۔ برسوں پہلے ۱۹۶۹ کے جموں کشمیر عوامی کنوینشن میں انہوں نے شیخ عبداللہ کو برہم کر دیا تھا اور میں نے پہلی اور آخری بار کشمیر کے شیر کو سری نگر کی مجاہد منزل کے ہال میں دہاڑتے ہوئے دیکھا تھا۔ وید بھسین نے سری نگر میں شیخ کی ڈانٹ سنی تھی۔ آگرہ میں مشرف کی ڈپٹ ان کے حصہ میں آئی تھی۔ دیگر صحافی شائد امن کے امکانات اور اقتصادی اور ثقافتی تعاون کے امور پر بات کر رہے تھے۔ وید بھسین نے جنگ کے امکان پر سوال کر ڈالا، اور پھر جو مشرف گرجے تو اس لہجہ کو کبھی خود بھی نہ دہرا سکے۔
یہ بات مشرف کی ہے، الفاظ کچھ ان کے کچھ میرے ہیں۔ ان کا لفظ بہ لفظ بیان مجھے یاد نہیں۔ انہوں نے بڑی حقارت سے کہا:
’’ یہ کیا آپ لوگ جنگ جنگ کرتے رہتے ہیں۔ کچھ پتہ ہے جنگ کسے کہتے ہیں ؟جنگ موت کا کھیل ہے۔ آپ کو اندازہ ہے جب دو سپاہیوں میں سے ایک دشمن کی گولی یا گرینیڈ سے اچانک مارا جاتا ہے تو زندہ رہ جانے والے پر کیا بیتتی ہے ؟ کچھ اندازہ ہے کہ اپنے ساتھی کی لاش اپنے کندھے پر لے کر بھاگنا کیا ہوتا ہے ؟مشرقی پاکستان کی جنگ میں میرے ساتھی فوجیوں نے میرے ہاتھوں میں دم توڑا تھا اور میں نے ان کی لاشیں اپنے کندھوں پر اٹھا ئی تھیں آپ لوگ سوچ نہیں سکتے اپنے بازوؤں میں ایک ساتھی فوجی کا دم توڑنا کیا ہوتا ہے۔ آپ لوگ اپنے دفتروں بیٹھ کر بڑی آسانی سے جنگ کی باتیں کر لیتے ہیں مگر جنگ کی ہولناکی کا آپ تصور بھی نہیں کر سکتے۔۔۔۔ ‘‘
جیروم جوڈوئن نے بھی تو یہی کہا ہے۔ ’’ جو لوگ وہاں موجود نہیں تھے ان کے لئے ان باتوں کی سنگینی کا تصور کرنا بھی محال ہے۔ ‘‘
آگرہ کے ہوٹیل میں ناشتہ کی میز پر ایسا سناٹا تھا کہ وہاں بیٹھے ہوئے ہندستان کے ممتاز صحافی اپنے دلوں کی دھڑکنیں سن رہے ہوں گے۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ سب پانچویں کلاس میں بیٹھے ہوں اور سرنگا پٹم کی جنگ کے بارے میں کسی احمقانہ سوال پر تاریخ کے استاذ عبداللطیف عارف اوغلو انہیں ڈانٹ رہے ہوں۔
بس بات یہی ہے۔ گھروں اور دفتروں میں بیٹھ کر دنیا کے چپے چپے پر جاری جنگوں کی باتیں کرنا ایک قسم کی بہیمانہ یا بے حسانہ ذہنی عیاشی تو ہو سکتی ہے، آدمی کی معقولیت کا ثبوت نہیں۔ مگر بات یہ ہے کہ ان دنوں انسان کی موت ایک غیر اہم موضوع ہے۔ ابلاغیہ میں بلا مبالغہ روزانہ انسانی اموات کی اتنی خبریں اور ان کی اتنی تفصیلات سامنے آتی ہیں کہ پڑھنے اور دیکھنے والوں کے ذہن قطعی ماؤ ف ہو چکے ہیں۔ بے حسی عام ہے۔ اسی بے حسی کا مظاہرہ ۲۰۰۱ کی اُس صبح آگرہ میں مشرف کے ساتھ ناشتہ کی میز پر ہوا تھا۔
درست ہے، جنگ کبھی کبھی معاشرہ کی ضرورت بن جاتی ہے اور کبھی مجبوری۔ اسی لئے ہر مہذب قوم نے ہر دور اس کا انتظام رکھا ہے۔ دور گہرے ماضی میں عظیم مقاصد کے دفاع میں قوم کا ہر فرد جاں نثاری پر آمادہ ہوتا تھا اور مردانہ وار میدان میں آ جاتا تھا۔ دوسری طرف، ادھوری شخصیتوں کے مارے حکمرانوں کی خواہشات پوری کرنے کے لئے تہذیب نے معاشروں میں جنگ جو گروہ منظم کئے۔ بعض معاشروں اور تہذیبوں میں اہل غرض کی خاطر یہ گروہ نسلی طبقے بن گئے۔ اس کا مقصد حاکم کو اپنی جولانی د کھانا اور اپنے حامیوں کو موت کے منہ میں جھونکنا ہوتا ہے۔
جنگ! یہی تو موضوع تھا یکم جنوری ۲۰۰۹ کے نکتگو ۰۰۰۲ کا، اگرچہ وہاں عہد نبوی پر بات تھی۔ یوں بھی اُس دور کی جنگوں کے مقابلہ میں آج کی جنگ تو نری درندگی، وحشت، دہشت، خونریزی، خوں خواری، خوں آشامی کا نمونہ ہے۔ وہ تو ۱۴۰۰ سال سے اوپر کی بات ہے۔ شائد ہمارے اس دور کے بارے میں صحیح بخاری (ج۹/ب۸۸/ح۲۳۷ نیز ح ۱۸۳) اور صحیح مسلم (کتاب ۰۴۱/ح۳۲-۶۹۳۱ نیز ح ۶۹۰۳) میں حضرت ابوہریرہؓ کی روایت سے آثار قیامت کے بیان میں بہت بڑے پیمانے پرھَرَج، یعنی قتل و غارت گری، خونریزی اور ہولناک جنگوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ابھی دو چار سو سال پہلے، ایشیا میں جنگیں کسی ایک میدان تک محدود ہوتی تھیں اور بس وہیں ایک آدھ دن میں ہار جیت کا فیصلہ ہو جاتا تھا۔ قلعہ بند ہونا شجاعت کے منافی تھا۔ اور جب ایسا ہوتا تھا تو قلعہ کے اطراف کے قریات و دیہات پر ضرور اس کا ناگوار اثر پڑتا تھا۔ یورپ میں البتہ مزاج مختلف تھا، اور ہے۔ وہاں کی جنگیں عہد جاہلیت کے عربوں کی خون آشام لڑائیوں سے بھی زیادہ طویل مدت کی ہوتی تھیں۔ اٹھارہ ملکوں اور مملکتوں نے ۱۳۳۷- ۱۴۵۳ کے دوران ۱۱۶ سال تک سو سالہ جنگ لڑی۔ فرانس کے کیتھولک اور پروٹسٹنٹوں کے مابین۴۰ سال تک ۱۵۹۸ – ۱۵۵۸ کے درمیان جنگ ہوتی رہی۔ ایسی ہی مذہبی جنگ ۸۰ سال تک سپین اور ( انگلستان کی شہ پر) ہالینڈ ۱۵۶۸ -۱۶۴۸ کے دوران لڑتے رہے۔ تیس سالہ جنگ بھی کیتھولک اور پروٹسٹنٹ فرقوں کے مابین ۱۶۴۸ - ۱۶۱۸ تک لڑی جاتی رہی۔
اب یہ کام تو مورخ سے زیادہ اجتماعی نفسیات کے کسی ماہر کاہے وہ تحقیق کرے کہ اہل یورپ اور یورپی نژاد قوموں کے مزاج میں اتنی خونریزی اور خون آشامی کیوں ہے کہ آج بھی جب لڑنا شروع کرتے ہیں تو جنگ بند کرنے کا نام نہیں لیتے۔ دو عالمی جنگوں، کوریا، ویتنام کی لڑائیوں کو بھی نقطۂ حوالہ بنا کر کچھ کام کیا جا سکتا ہے۔
بہر حال دنیا اس بات پر اتفاق رائے رکھتی ہے کہ بیسویں صدی انسانی تاریخ کی بدترین اور سب سے زیادہ خونی صدی تھی۔ اتنا انسانی خون کسی ایک صدی تو کجا، شائد پوری تقویم عیسوی کے دوران ملا کر بھی نہیں بہایا گیا ہو گا جتنا انسان نما بہائم نے ۱۹۰۰ سے ۲۰۰۰ کے دوران مٹی میں ملا دیا۔ جیروم جوڈوئن کا محولہ بالا قول پڑھ کر مجھے خیال آیا کہ ذرا دیکھیں تو کہ دوسری عالمی جنگ میں کتنے انسانوں کو لقمۂ اجل بنا دیا گیا تھا۔ ادھر ادھر سے اعداد و شمار تلاش کرنے اور دیکھنے شروع کئے تو معلوم ہوا کہ یکم ستمبر ۱۹۳۹ کو پولینڈ کے شہر ڈینزگ (اب: گڈانسک) پر جرمن حملہ اور ۳ ستمبر کو جرمنی کے خلاف برطانیہ کے اعلان جنگ سے شروع ہونے والی اس سات سالہ لڑائی میں ۹ اگست ۱۹۴۵ کو دوسرے جاپانی شہر ناگاسا کی پر امریکی ایٹم بم پھینکنے تک دس کروڑ سے زیادہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا اور ان مرنے والوں کی دو تہائی اکثریت نہتے شہریوں کی تھی۔ ظاہر ہے یہ شہری بوڑھے، بچے اور عورتیں تھیں۔ صحتمند مرد تولام پر تھے۔ جنگ ۲۵۶۰ دن جاری رہی۔ اوروزانہ تقریبا ۰۰۰، ۴۰کی شرح سے لوگ مارے جا رہے تھے، جن میں اوسطاً ۰۰۰، ۲۶ عام شہری بوڑھے بچے ہوتے تھے۔
اسی تحقیق کے دوران کہیں اس جملہ کا آموختہ ہوا کہ بیسویں صدی دنیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ خونی صدی تھی۔ اس جملہ نے مزید تحقیق پر اکسایا۔ دو ماہ کی دن رات کی محنت کے حاصل کو ایک جملہ میں بیان کروں تو ۱۸۹۹ سے ۲۰۰۳ تک کے دوران جنگوں اور انسانوں کے قتل عام اور نسل کشی کے بڑے واقعات میں ۲۵ کروڑ سے زیادہ انسانوں کو ختم کیا گیا: یعنی اس مدت میں ہر سال۰۰۰، ۲۴۰۰۰ لوگوں کا قتل ہوا: ہر ماہ دو لاکھ افراد، روزانہ تقریباً سات ہزار! اور اس قتل عام کے ذمہ دار بے شعور، بے تہذیب، بے پڑھے لکھے، لوگ نہیں تھے، بلکہ اپنے ’’ترقی یافتہ جدید علم‘‘ پر نازاں وہ لوگ تھے جو ایسے کام نہ کرنے والوں کوآج بھی دائرۂ تہذیب سے باہر سمجھتے ہیں۔
یہ جنگیں لڑانے والے اپنے محفوظ کمروں سے باہر کبھی نہیں آئے۔ اور رچرڈ شیر دل کی اولاد بزدل نکلی۔ ان کے لئے جنگ ایک ذہنی عیاشی اور امن اقتصادی عیاشی کے سوا کچھ نہیں تھی۔ یہ مشرف جیسے جنگ چشیدہ لوگوں سے بہت مختلف تھے اور ہوتے ہیں۔ یہ نہیں جانتے کہ بے وجہ مرنے اور انسان کو مار ڈالنے کا معاشرہ پر کیا اثر ہوتا ہے۔ ہٹلر، سٹالن، چرچل، روزویلٹ، ایسکوتھ، لائڈ جارج، ولسن، فرانز جوسیف، ولہیلم ثانی کے لئے میدان جنگ کاغذ پر کھنچے ہوئے سیاسی نقشوں سے زیادہ کچھ نہ تھا، اور ان نقشوں پر ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں جان کی بازیاں لگانے والے انسان چندہری، پیلی لال جھنڈیوں سے پہچانے جا تے تھے۔ گمنام، بے نشان۔
ایسے ہی ایک گمنام امریکی کا نام دنیا میں مشہور ہو گیا۔ ٹمتھی میکوے شائد کچھ لوگوں کو یاد ہو۔ یہ وہ شخص تھا جس نے ۱۹ اپریل ۱۹۹۵ کو صبح ۹ بجے اوکلاہوما کی ایک سرکاری عمارت کو بم سے اڑا دیا تھا جس میں ۱۶۸ آدمی ہلاک ہوئے تھے۔ مقدمہ چلا اور ۱۱ جون۲۰۰۱ کو اسے موت کی سزا دی گئی۔ کم لوگوں کو معلوم ہے کہ میکوے عراق کے خلاف پہلی خلیجی جنگ (۲ اگست ۱۹۹۰ تا ۲۸ فروری ۱۹۹۱) میں لڑنے والا ایک امریکی فوجی تھا۔ وہاں اس نے کیا کیا اس کی تفصیلات کا تو علم نہیں، مگر دبی زبان سے کہا جاتا ہے کہ جنگ سے واپسی کے بعد جنگ کی موذی یادوں کے باعث وہ ذہنی مریض بن گیا تھا اور اسی نفسیاتی ہیجان کے عالم میں انتقاماً اس نے اپنے ۱۶۸ ہم وطنوں کو ہلاک کر ڈالا۔
میکوے کا یہ انتہا پسندانہ اقدام جرم تھا جس کی سزا معاشرہ نے اس کو دے دی۔ مگر شائد کسی نے یہ جاننے کی کوشش نہ کی کہ میدان جنگ میں اس نے کتنوں کو مارا تھا، کیسے مارا تھا، کیوں مارا تھا، ساتھی اور دشمن فوجیوں کی کیسی کیسی کربناک موت کو کھلی آنکھوں دیکھا تھا۔
ایسی ہی غیر فطری اموات کے کچھ اعداد و شمار دیکھئے - یہ بہت محتاط تخمینے ہیں :
گزشتہ صدی میں جنگوں اور قتل عام میں سب سے زیادہ اموات ایشیا کے حصہ میں آئیں :تین کروڑ ( ۹۶۷، ۵۴۷، ۲۹)ا فراد جنگوں میں کام آئے اور سوا چار کروڑ(۷۵۸، ۱۷۹، ۴۲)قتل عام اور نسل کشی کے منصوبوں کی نذر ہوئے۔ دوسرے درجہ میں افریقہ میں جنگوں میں سوا کروڑ (۵۷۱، ۳۹۸، ۱۲)لوگ ہلاک ہوئے اور تقریباً ڈیڑھ کروڑ(۰۰۶، ۸۶۸، ۱۴) نسل کشی اور قتل عام کے شکار ہوئے۔ شمالی اور جنوبی امریکہ، بالخصوص جنوب میں، ۳۵ لاکھ(۸۸۵، ۵۵۹، ۳) جنگوں کانشانہ بنے اور تقریباً۴۴ لاکھ(۵۷۳، ۳۷۲، ۴) نسل کشی کا۔ یورپ نے خود کو سب سے زیادہ مہذب ثابت کیا، یعنی بارہ لاکھ(۷۰۰، ۲۳۴، ۱) افراد جنگوں میں مارے گئے اور فقط ساڑھے نو لاکھ(۳۴۸، ۹۵۲) نسل کشی وغیرہ کا شکار ہوئے۔ مگر ان اعداد میں پہلی اور دوسری عالمی جنگوں میں مرنے والے ۱۷کروڑ افراد کا ذکر نہیں ہے۔ اگرچہ ان دونوں جنگوں میں بیسیوں ملکوں کو بلاوجہ دھکیل دیا گیا تھا، تاہم ان دو جنگوں میں مرنے والوں کی غالب اکثریت یورپی تھی۔ دوسری جنگ کی ۱۰ کروڑ اموات میں نصف ہلاکتیں صرف جرمنی کے حصہ میں آئی تھیں جو اتحادیوں کی بندوقوں اور بموں کا نشانہ بنے تھے۔
نہ جانے جیروم جوڈوئن نے ان میں سے کتنی موتیں اپنی کھلی آنکھوں دیکھی ہوں گی؛کتنے دوست اور ساتھی فوجیوں نے ایک ہی دمدمہ میں اس کے ہاتھوں میں دم توڑا ہو گا؛دشمن کے کتنے سپاہیوں کو اس نے اپنے جوابی بہیمانہ انتقام کا نشانہ بنایا ہو گا؛جب وہ فتح کا پھریرا لہراتے ہوئے بم زدہ اور شکست خوردہ یا مفتوحہ شہروں میں داخل ہوتا ہو گا تو اس نے کیسی کیسی تباہیوں کے منظر، کتنی جلی، ادھ جلی لاشیں، کتنے زخموں سے چور بلکتے انسانوں، عورتوں اور بچوں کو دیکھا ہو گا۔ آج ان باتوں کا ذکر بھی اس کے لئے اذیت ناک ہو گا۔ یہی یادیں تو اس کے ڈراؤنے خوابوں، کبھی نہ تھمنے والے آنسووں کی جھڑی، اور گہری اداسی کا سبب ہیں۔ جو جنگ اس نے اپنے اُس زمانے کے لیڈروں اور ان کے نظریات کی خاطر جیتی تھی، وہی اب اس کے واسطے اس کی ذاتی شکست کا نوحہ ہے۔ وہ بوڑھا قابل رحم ہے۔
چلئے مان لیا دوسری عالمی جنگ جس سے جیروم جوڈوئن ذہنی تناؤ لے کر واپس آیا تھا، اتحادیوں کے بقول جمہوریت کے دفاع میں لڑی گئی تھی۔ مگر گزشتہ صدی میں یہ باقی ۱۵ کروڑ جانیں کس نظرئے کے دفاع میں لے لی گئی تھیں ؟
زندگی ایک نعمت ہے۔ یہ کسی ابدی گناہ کا نتیجہ نہیں ہے۔ وہ ایک آزمائش تھی، معصیت نہیں کہ آدم و حوا کی اولاد ابد الآباد تک اس گناہ بوجھ ڈھوتی رہے۔ بے شک اس جہان میں انسان کو آزمایا جا رہا ہے، اس کا نفس، اس کے انفاس، اس کا کر دار، اس کا مزاج، اس کی سوچ کا رخ، اس کے عمل کا معیار، ہر شے ایک خورد بین کے نیچے رکھی ہے اور ایک پوشیدہ کیمرہ اس کی ہر ہر حرکت کا وڈیو تیار کر رہا ہے اس دن کے لئے جب زندہ رہنے کا سبب اور زندگی کا کام پوچھا جائے گا۔ لیکن انسان اس جہاں کے مقصد ہی کو نہ جانے تو دوسرے جہاں کی کیا خبر اسے۔ یہی وجہ ہے کہ دو سو سال میں زندگی اور موت کے بارے میں انسان کا رویہ غیر فطری ہو گیا۔ وہ یا تو اپنے لاڈلے کتے کی موت پر پاگل ہو جاتا ہے، یا تمام مخلوقات میں افضل انسان کو ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں موت کے گھاٹ اتار کر بھی قہقہہ لگاتا ہے۔ کتے کی موت پر دیوانگی کا اظہار ہو یا لا تعداد انسانوں کے قتل عام پر قہقہہ کی جھونکار، دونو ں عارضی کیفیت ہوتے ہیں۔ کتا تو دوسرا آ جاتا ہے اور غم غلط ہو جاتا ہے۔ مگر انسانوں کی غیر فطری موت، غیر فطری قتل عام، غیر فطری نسل کشی کا نتیجہ فطری بھی ہوتا ہے اور عارضی بھی نہیں ہوتا۔
دوسری بات، انسانوں کے بنائے ہوئے اچھے اصول بے شک اپنی ترویج چاہتے ہیں، مگر وہ ابدی نہیں ہوتے، ہو بھی نہیں سکتے، کیونکہ جس انسان کے لئے وہ بنائے جاتے وہ اس دنیا میں انفرادی اور اجتماعی دونوں حیثیت سے عارضی قیام کے لئے آیا ہے۔ تو وہ اصول جس دنیا میں رائج کئے جاتے ہیں وہ بھی عارضی عالم ہے، صرف مذہبی نقطۂ نظر سے نہیں، مادی اور سائنسی اعتبار سے بھی۔ تو ایسے نا پائدار انسان کے ناپائدار عالم کے انسان ابدی قانون کیسے بنا سکتے ہیں۔ آدمی اگر یہ نہ دیکھ سکے کہ سارگن اور سولن کے قوانین، چنگیز کی یاسا کا وجود دنیا سے مٹ چکا ہے، تو سامنے کی بات یہ ہے کہ ہندستان کا دستور جو ۳۱ ماہ کی محنت شاقہ کے بعد مرتب ہوا تھا ۲۶ جنوری ۱۹۵۰ سے ۷ جنوری ۲۰۰۴ تک ۹۲ آئینی ترمیموں کا شکار ہو چکا تھا۔ ایسے انسانی قوانین انسان کی زندگی اور موت کے فیصلے نہیں کر سکتے۔ یہی سبب ہے جیروم جوڈوئن جیسے سابق فوجی کی زندگی بھر کی تکلیفوں کا۔ اس کا کوئی علاج مہذب دنیا کے پاس نہیں ہے۔ کہاں سے ہو گا۔ اسی کے جیسے ۱۰ کروڑ انسان تو اس جنگ میں قتل کئے گئے تھے جس سے وہ زندہ واپس آ گیا تھا۔ پتہ نہیں خوش قسمت کون تھا: وہ جو میدان جنگ میں کسی ظالم گولی کا نشانہ بن گیا تھا یا وہ جو فتح کے نشے میں چور گھر واپس آ گیا تھا!
٭٭٭

نطق

نکتہ

(خواجہ میر)درد یقین رکھتے تھے کہ قوت اظہار بنی نوع آدم کو عطا کردہ عظیم ترین تحفہ ہے، اور یہ صرف نوع آدم کو دیا گیا ہے۔ درحقیقت وہ حصول آدمیت اور تربیت نطق دونوں کو برابر کا درجہ دیتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ اس تصور کا فہم اور حسن کلام کے ساتھ اس کا ابلاغ ہی آدمیت ہے۔
- حمیرا زیاد
خواجہ میر درد کی دینی تحریروں کا طرز اور فن خطاب
دی اینوئل آف اردو سٹڈ یز، یونیورسٹی آف میڈ یسن، وسکونسن، امریکہ، شمارہ ۲۰ (۲۰۰۵) (آزاد اردو ترجمہ: م ط غ )ص ۱۴۷
The Nature and Art of Discourse in the Religious Writings of Khvaja Mir Dard; The Annual of Urdu Studies #20 (2005) p 147

گفتہ

ایک صبح بستر پر نیم دراز میں کوئی کتاب دیکھ رہا تھا کہ کھڑکی سے باہر سامنے والے مکان کی مخروطی چھت کی ایک بلندی پر بیٹھے ایک کوے کی مستقل کائیں کائیں نے مجھے ادھر متوجہ کر دیا۔ وہ کوا میرے احاطہ نظر میں تھا۔ میں اس کی بانی سنتا رہا۔ وہ ہر بیس تیس ثانیہ کے بعد آواز لگاتا: کاں کاں کاں۔ میں نے غور کیا تو کاں کبھی تین بار بولتا، کبھی پانچ بار؛ کبھی ہر صدا کے بیچ میں ایک چھوٹے سے سانس کا وقفہ ہوتا؛ کبھی ایک ہی سانس میں کاں کاں کرتا؛ کبھی تین بار کاں ایک سانس میں کرتا، دوچار ثانیہ کو چپ ہو جاتا اور پھر دو بار ایک سانس میں کاں کرتا۔ کبھی کاں کے بجائے کائیں بولتا۔ کبھی کاں یا کائیں کے الف کو کھینچ کر بولتا۔
اس کا رخ شمال مغرب کو تھا۔ لگتا تھا۔ مجھے لگا جیسے وہ کسی کو مخاطب کر رہا ہو۔ میں نے ذرا کان لگائے تو کہیں دور سے ایک اور کوے کی مہین سی آواز سنائی دی۔ میری نگاہوں سے اوجھل وہ دوسرا کوا اس کوے کی بات کا جواب دے رہا تھا۔ وہی کبھی تین بار کاں کاں کاں، کبھی پانچ بار، کبھی وقفہ سے کبھی ایک سانس میں۔
یہ دو کوے آپس میں کوئی تو بات کر رہے تھے۔ صدا بھی تھی، آہنگ بھی، ترتیب بھی۔ ابلاغ معنیٰ کی شرطیں تو پوری تھیں۔ مگر پھر ایک کمی تھی۔ لغت زاغیہ میں لفظ بس ایک ہی تھا۔ یا بہت ہوا تو دو: کاں اور کائیں۔ کسی زبان میں دو ہی لفظ ہوں تو وہ بیان کی شرط پوری نہیں کرتے۔ بیان کو تفصیل چاہئے
کچھ اور چاہیئے وسعت مرے بیاں کے لئے
یہ وسعت بیان ہی انسان کو حیوان ناطق بناتی ہے۔ یوں تو ہر جاندار کے منہ میں خالق کون و مکاں نے زبان رکھ دی ہے اور ہر نوع کے حسب ضرورت اسے ’’الفاظ‘‘ اور ابلاغ کی صلاحیت بھی عطا کر دی، مگر جس کمال کی صلاحیت آدمی کو ودیعت کی ہے وہی تمام مخلوقات میں اسے منفرد بناتی ہے۔ اب یہ کیسی عجیب بات ہے کہ یہی آدمی اپنے سے بدرجہا کمتر مخلوقات کو اکثر اپنے سے برتر اور بزرگ تر سمجھنے لگتا ہے۔ یہ ایسا ہی لگتا ہے جیسے امریکہ کا صدر سفید گھر کے خاکروب کو بیضوی دفتر میں مرکزی کرسی پر بٹھا کر خود اس کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہو جائے۔ ہونے کو تو وہ خاکروب بھی امریکہ کا صدر بن سکتا تھا، مگر اس کے لئے اسے کم سے کم براک اوباما اور بل کلنٹن کی خوش بیانی تو درکار ہے۔ یہی ایک صفت خواجہ میر درد اور براک اوباما کو کوے، بلکہ ہر غیر آدم جاندار سے ممتاز کرتی ہے۔
قرآن حکیم میں جب برملا اعلان کیا گیا کہ ہم نے انسان کو سب سے اچھے سانچے، پر بنایا ہے تو اس حسن تقویم کا عملی اظہار انسان کی قوت بیان ہی سے ہوا ہے۔ خَلَقَ الاِنسَانَ ٭عَلَّمہُ البَیَانَ (القرآن : الرحمٰن ۵۵:۳-۴) - انسان کو پیدا کیا۔ اسے بیان سکھایا۔ بیان وہ صفت ہے جس کی بنا پر انسان، بقول شیخ الہند مولانا محمود الحسن ’’اپنے ما فی الضمیر کو نہایت صفائی اور حسن و خوبی سے ادا کرتا ہے ‘‘۔ یہاں تک کہ خود انسانوں میں بھی جس کا بیان جتنا سجل، مکمل، رواں، مرتب اور موثر ہوا اتنا ہی بلند خود اس انسان کا درجہ دوسرے انسانوں کے مقابلہ میں ہو گیا۔ تو کچھ غلط نہیں کہ خواجہ میر درد خوش بیانی کو آدمیت کے لئے افضل تحفہ گردانتے تھے۔
بے شمار دیگر موضوعات کی طرح یہ حسن تقویم بھی عہد جدید کے مسلمان سائنسدانوں کی تحقیق کا موضوع نہ بن سکا۔ قدیم مسلم اہل علم شائد اس سمت میں پیش رفت کرتے مگر پھر ڈھائی سو برس کی مدت میں تہذیب کی عمارت کے دونوں ستون ڈھے گئے - ایک ۱۲۵۸ میں اور دوسرا ۱۴۹۲ میں۔ اس دوسرے حادثے کے سو سوا سو سال بعدجب اہل فرنگ دنیا کے مسلمانوں کے علمی آقا بنے تو قوالی کے طائفے میں ہمیں اپنی ڈگریوں پر تالیاں بجانے کا کام تفویض ہوا، سو ہمارے سائنس داں اور دیگر دانشمند اسی کار لائقہ میں آج تک مشغول ہیں۔ تان اور شعر پر شوشے لگانے والے تو وہی اہل فرنگ ہیں۔ تو چلئے انہی سے کچھ سندیں انسان کے احسن تقویم ہونے کی لائیں۔
مغربی ماہرین حیاتیات کی تحقیقات کا لب لباب یہ ہے کہ انسان کی اہلیت کلام کا بڑا سبب اس کا سرو قد ایستادہ جاندار ہونا ہے۔ اس سیدھی قامت اور صراحی دار گردن کے طفیل آدمی کے حلق کے عضلات اور رگ و ریشہ پر اس کے بدن کا بوجھ نہیں پڑتا جسے ریڑھ کے لچک دار منکے اور ٹانگوں کی فولاد صفت ہڈیاں سنبھالے ہوئے ہیں۔ نتیجتاً انسان کی گردن کے اس سبک سانچہ کی بدولت آدمی آوازوں کے زیر و بم سے مصوتے، حروف، الفاظ، اور پھر ان الفاظ سے جملے اور ان جملوں سے زبانیں تخلیق کرنے پر قادر ہوا۔ آوازوں کے اسی زیر بم کی صلاحیت سے ترنگ، ترنگ سے راگ، راگ سے راگنیاں بنائیں۔ آواز کے لہراتے ہوئے اسی اتار چڑھاؤ کی انتہائے کمال ترنیمۂ داودؑ اور لحن اشعریؓ کا رمز ہے۔ دیگر جاندار جو پیٹ کے بل زمین پر گھسٹتے ہیں، چار پیروں پر سست رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں، یا دو پنجوں پر پھدکتے ہیں، اپنے جھکے ہوئے سروں کو موٹی گردن پر سنبھالے ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے بیک وقت مختلف آوازیں اپنے حلق سے نکالنے پر قادر ہی نہیں ہیں۔ گائے صرف بو، با اور مو کہہ سکتی ہے۔ چیتا فقط چی بول سکتا ہے۔ کوا بس کاں اور کائیں ادا کر سکتا ہے۔ چڑیا چہچہا سکتی ہے۔ بندر لنگور خی خی ہی کر سکتے ہیں۔ شیر بس دہاڑ سکتا ہے۔ کچھ زیر و بم بے شک ان تمام جانوروں کی آوازوں میں بھی پایا جاتا ہے مگر وہ بہت محدود ہے۔ ان آوازوں کا افقی اور عمودی پھیلاؤ اتنا نہیں ہوتا کہ الفاظ بنائے جا سکیں۔ ان میں ترنم کی ادائیگی تو ممکن ہی نہیں۔
اس پر تو بڑی کتابیں لکھ ماریں لوگوں نے کہ مختلف جانور کیسے ادائے مطلب کرتے ہیں مگر سامنے کی بات یہ ہے کہ کبھی کسی نے دیکھا کہ بندر نے کوئی کتاب تصنیف کر دی ہو، گائے نے شاعری کی ہو، شیر نے فلسفہ کا درس دیا ہو، لومڑی نے سیاست کے داؤ پیچ پر لیکچر دیا ہو، ہاتھی نے یونیورسٹی کھولی ہو؟یہ بھی نہیں تو کسی بھی قسم کے جانور نے اپنی غذا کا کیمیاوی تجزیہ کر کے اپنے ہم جنسوں کو ان کے نفع نقصان سے باخبر کیا ہو؛اپنے معاشرے کی تنظیم، اور اس کے عروج و زوال کے اسباب سے بحث کی ہو؟
اب یہ بھی سامنے کی بات ہے کہ تمام جاندار اگر ایسی صلاحیتوں سے عاری ہیں اور آدمی میں یہ تمام خصائص بیک وقت پائے جاتے ہیں تو اس کی اصل یہی قوت بیان ہے جو شوکت زبان سے قوی تر ہو جاتی۔ جتنی قوی زبان انسان اختیار کرے گا اور بولے برتے گا آدمیت کے اتنے ہی اعلی منصب پر پہنچے گا اور اتنا ہی فکری اور عملی اعتبار سے فعال اور موثر ہو گا۔ اور جس قدر اپنی زبان اور اس کی قوت اظہار کو کمزور کرنے پر مصر ہو گا آدمیت کے منصب سے اسی درجہ گر جائے گا، اور اپنی تخلیق کے سبب سے اسی قدر بے بہرہ رہ جائے گا۔
نطق و کلام و بیان کی اس صلاحیت کے اظہار کا منبع انسان کا دماغ ہے۔ یہ دماغ بھی تمام دیگر جانداروں سے زیادہ جاندار بلکہ شاندار ہے۔ مغربی محقق سائنسدانوں کے بقول، انسانی دماغ کا وزن اس کے جسم کے مجموعی وزن کا دو فی صدی ہوتا ہے، مگر یہ چھوٹا سا عضو انسانی جسم کو درکار شکر اور آکسیجن کا ۲۰ فی صدی حصہ استعمال کرتا ہے۔ ماہرین حیاتیات یہ بھی بتاتے ہیں کہ گوریلا آدمی سے تین گنا زیادہ وزنی ہوتا ہے مگر اس کا دماغ آدمی کے دماغ کے ایک تہائی وزن کا ہوتا ہے۔ سادہ الفاظ میں آدمی کا دماغ دیگر تمام جانداروں کے مقابلہ میں بڑا ہوتا ہے اور اس میں بدرجہا بہتر کار کر دگی کے صلاحیت ہوتی ہے۔ اس صلاحیت کا اظہار کئی پہلوؤں سے ہوتا ہے۔ سوچ، تجزیہ، منصوبہ بندی، مرتب اور مربوط عمل، وغیرہ خالص انسانی صلاحیتیں ہیں۔ لیکن ان تمام صلاحیتوں کا مناسب استعمال آدمی کی قوت گویائی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ اسی کی بدولت وہ دلائل سوچتا ہے، انہیں موثر پیرائے میں پیش کر کے لوگوں کو اپنا ہمنوا بناتا ہے، پھر ان کی مدد سے ملک اور دل و دماغ فتح کرتا ہے، تہذیبیں بناتا ہے، اور نئی نئی زبانیں وضع کرتا ہے۔ سب سے اہم بات یہ کہ آدمی بیک وقت تین زمانوں میں رہنے اور کئی زبانیں یکساں مہارت کے ساتھ بولنے پر قادر ہے، جبکہ دیگر تمام جاندار صرف حال میں جیتے ہیں۔ ان کا ماضی ہوتا ہے نہ تاریخ، نہ وہ مستقبل کے مکلف ہوتے ہیں۔ ظاہر ہے اس صفت کا سبب بھی آدمی کا نطق و زبان ہے جو اس کی شخصیت کو ہمہ پہلو بناتی ہے۔
اس زمین پر انسان کی موجودگی کے ہزاروں لاکھوں سال کے دوران لاکھوں کروڑوں زبانیں وجود میں آئیں جو آدمی کی قوت بیان کا ایک ادنیٰ مظاہرہ ہے۔ لاتعداد زبانیں مٹ گئیں، ہزارہا زبانیں اب بھی اس زمین پر بسنے والے بولتے ہیں۔ انسان کی قوت بیان کا یہ عجوبہ کچھ کم ہے کہ مونگ پھلی کے دانے جیسے چھوٹے سے ملک انگلستان کے شمال مغرب میں انگریزی کی بغل میں ویلش زبان، کیمرائگ، آج بھی بولی جاتی اور وہ انگریزی سے اتنی مختلف ہے کہ آدمی سن کر حیرت کرے کہ ذرا سے فاصلہ پر بولی جانے والی دو زبانوں میں اتنی صوتی اور معنوی مغائرت کیسے آ گئی۔ جنوب وسطی ہندستان کی ریاست آندھرا میں تیلگو زبان بولی جاتی ہے، اور اس کے شمال میں ہندی، اس کے مغرب میں مراٹھی، اس کے شمال مشرق میں اُڑیہ، اس کے جنوب مغرب میں کنڑی، اس کے جنوب مشرق میں ٹمل زبانیں بولی جاتی ہیں اور یہ سب ایک دوسرے سے ناقابل فہم حد تک اجنبی ہیں۔ عرب دنیا کے مشرق میں فارسی اور مغرب میں ترکی قطعی مختلف لسانی خاندانوں کی زبانیں ہیں۔ افریقہ میں عربی بولنے والے الجزائر کے جنوب مشرق میں ہوسا اور جنوب مغرب میں بمبارا نامی افریقی زبانوں میں شائد ہی کوئی قدر مشترک ہو۔
یہ سب آدمی کی قوت گویائی کے کرشمے ہیں۔ اور اس کرشمہ کا اعتراف کرنے والا ایک صوفی منش اس صفت کو آدمیت کا امتیاز قرار دیتا ہے تو کتنی سچی بات بتاتا ہے۔ بیان ہی کا تو کرشمہ ہے کہ خواجہ میر درد نے یہاں انسانیت کا لفظ استعمال نہیں کیا۔ کسی شاعر نے کہہ دیا تھا کہ آدمی کو بھی میسر نہیں انساں ہونا تو بے زبان انسان اس فقرہ کے پیچھے پڑ گئے۔ جسے دیکھو انسان اور انسانیت کی باتیں کر کے اپنے عقل مند اور زبان داں ہونے کا ثبوت فراہم کرنے پر تلا ہوا ہے۔ اور اس ہنگامہ میں آدمیت کو نہ صرف بھلا دیا گیا بلکہ ایک درجہ میں حقارت کا نشانہ بنا دیا گیا۔ ورنہ عام آدمی کے لئے بھی یہ سمجھنا کیا مشکل ہے کہ آدمی تو اولاد آدم ہے اور یہی اس کی اصل ہے، رہی انسانیت تو وہ آدمی کی ہزاروں میں سے ایک صفت ہے، جس کا مفہوم بس اتنا ہے کہ اسے ہم جنسوں، نا جنسوں، غیر جنسوں سے بھی ایک گونہ اُنس ہے وہ ان سب کو برداشت کر سکتا ہے اور ان کے ساتھ زندگی گزار سکتا ہے۔ انہیں اپنے بس میں کر سکتا ہے اور تابع فرمان بنا سکتا ہے اور ان سے کام لے سکتا ہے۔ تو بس اس اُنسیت کا اظہار انسانیت ہے۔ اتنا ہمہ گیر اُنس بھی بیان ہی کا کرشمہ ہے۔ یہ اُنس جانداروں میں بھی اپنی نوع کے لئے پایا جاتا ہے۔ آدمی کے لئے یہ صفت اسے عبادت پر متوجہ کر دے تو یہ خوبی لائق افتخار ہے، ورنہ باہم مل کر رہنے میں تو نمل ا ور نحل کو بھی کمال حاصل ہے اور ظاہر کہ چیونٹی اور زنبور کا یوں مل جل کر رہنا اُنس باہمی ہی کی وجہ سے ہے۔ مختصر یہ کہ اُنس و اُنسیت و اِنسانیت میں سے کوئی بھی موجب گویائی نہیں ہیں، بلکہ گویائی کا نتیجہ ہیں۔ یہ ہوں تو کسی جاندار کو بیان کی قوت حاصل نہیں ہو جاتی، اگرچہ جزوی اور محدود اظہار مطلب کی صلاحیت ان میں خِلقی طور پر پائی جائے۔ اس وصف گویائی میں کمال کے لئے آدمیت کا شرف شرط اول ہے۔
خود آدمیت کا شرف یہ ہے کہ ابن آدم اس صلاحیت کا درست اور جائز استعمال کرے۔ آدمی گالی بھی دے سکتا ہے، دشنام و تعریض، تنقیص و تشنیع میں بھی مبتلا ہو سکتا ہے، شخصیات کشی اور تَوریہ کا شکار بھی ہو سکتا ہے، ذہنوں میں ریب و شک بھی پیدا کر سکتا ہے، ہم جنسوں کو گمراہی اور ضلالت کے غاروں میں بھی دھکیل سکتا ہے۔ اور یہ برے کام بھی اسی نطق و زبان کی بدولت کرتا ہے اور کر سکتا ہے۔ اور جب وہ ایسا کرتا ہے تو آدمیت کے شرف سے معزول ہو کر جانوروں سے بھی نچلی سطح پر آ بیٹھتا ہے، مگر نہیں جانتا کہ اس طرح خود اپنا ذاتی نقصان کتنا کر رہا ہے۔ دوسری طرف اسی صلاحیت کو مفید مقاصد میں لگا دے تو انبیاؑ کی سنت پوری کرتا ہے اور اسی د نیا میں بشریت کے عظیم منصب پر فائز ہو جاتا ہے۔ کوئی اچھی تحریر پڑھ کر تنہائی میں کبھی سوچئے کہ حسن ادا کے لئے زبان و بیان کی ترکیب کیوں استعمال ہوتی ہے !
٭٭٭

برائی

نکتہ
ٍ
ہندستان کئی صدیوں میں ایک ساتھ جی رہا ہے۔ میں ہر رات اپنے گھر کے سامنے نحیف و زار مزدوروں کے ایک گروہ کے پاس سے گزرتی ہوں جو زمین کھود رہے ہیں تاکہ وہاں فائبر آپٹک تار ڈالے جا سکیں اور ہمارے کمپیوٹری انقلاب کی رفتار تیز ہو سکے۔۔۔۔ دہلی میں کاریں بڑی اور زیادہ چمکدار ہوتی جا رہی ہیں۔ ہوٹیل زیادہ شاندار بن رہے ہیں۔ دروازے پھر بلند ڈیوڑھیوں میں تبدیل ہو رہے ہیں، اور ان کے سامنے اب پرانے چوکیدار نظر نہیں آتے بلکہ کلاشنیکوف سنبھالے محافظ چوکس کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ اور ادھر غریب لوگ ہیں جو شہر کی ہر سلوٹ میں جوؤں کی طرح ٹھنسے پڑے ہیں۔ شہریوں کو یہ سب دکھائی نہیں دیتا۔ وہ جاننا بھی نہیں چاہتے کہ ان کے اطراف کیا ہو رہا ہے۔ یہ بات نو دولتیوں کے تصور سے بھی بعید ہے کہ آج کی دنیا کل کی دنیا سے ہرگز بہتر نہیں ہے۔

- اروندھتی رائے
جعفر عباس، اروندھتی رائے، ثقافتی فنون کا اخباری مجلہ محراب، نورتھ کیرولائنا، امریکہ، (آزاد اردو ترجمہ م ط غ)، اگست ۲۰۰۵، ج ۵، شمارہ ۸

گفتہ

فرد کئی زمانوں میں ایک ساتھ جئے تو یہ شرف اور اعزاز کا مقام ہے۔ ملک کئی صدیوں میں ایک ساتھ زندگی گزارے تو افسوس اور شرم کی بات ہے۔ ہندستان تو پتہ نہیں کب سے کئی کئی صدیوں میں ایک ساتھ جینے کا عادی ہے۔ انگریز کے آنے سے پہلے ہندستانیوں پر پھر بھی یہ عمل اتنا واضح نہیں تھا۔ بس ایک طرف نسبی اشراف ہوتے تھے اور طرف کسبی اجلاف اور ارذال، کہ یہ تقسیم منو مہاراج نے اپنی سمرتی میں کر دی تھی۔ میرا خیال ہے منو جی کی تقسیم عمرانی تھی، جسے اعلیٰ طبقوں نے موروثی بنا دیا تھا تاکہ سماج کے کمزور طبقوں پر ان کا جابرانہ تسلط اور محکم ہو جائے۔ سو دو ہزار سال تک یہ ہوتا رہا اور سماج کے کمزور طبقوں کو ہر طرح کے حق سے یوں محروم رکھا گیا کہ برابری اور مساوات تو درکنار، ان کا یہ احساس تک مٹا دیا گیا کہ وہ آدمی بھی ہیں۔
مسلمان آئے تو ان کے اندر بھی دو طبقے پیدا ہو گئے : کچھ نسلی اشراف اور کچھ نسلی کمین۔ اور یہ لفظ کمین جو ہمارے پاس ذلیل، حقیر، کم ذات بلکہ بد ذات کے لئے رائج ہوا - یہ بندۂ کمینہ ہمسایۂ خدا ہے - در اصل کام کرنے والے لوگوں اور اہل حرفہ کی تحقیر کے لئے تھا۔ اس لفظ سے معاشرہ میں اصول یہ بنا کہ جو لوگ محنت، مزدوری اور حرفتی کام کرتے تھے اور معاشرہ کی ہمہ قسم ضرورتیں پوری کرنے کے ذمہ دار تھے وہ حقیر تھے ؛ اور وہ نکمے مسٹنڈے جو دن بھر پڑے اینڈتے رہتے تھے شریف اور عزت دار تھے۔ ملک میں یہ مزاج آج بھی ہے۔ جن کے پاس دولت کے انبار ہیں وہ سماج کا اعلیٰ عزت دار طبقہ ہیں خواہ ان کے اندار ہزاروں سماجی اور اخلاقی جرائم پائے جاتے ہوں اور دماغ جہالت کا کارخانہ ہو؛ اور جو بیچارہ نادار ہے وہ اپنے عمدہ اخلاق کے باوجود سماج میں کوئی مقام نہیں رکھتا۔ البتہ مسلمانوں میں ایک طبقہ ان لوگوں کا بھی تھا جو پہلے سے پائے جانے والے پسماندہ اور ناخواندہ اور نیم خواندہ گروہوں کی اشک شوئی کے لئے آگے بڑھا، انہیں سینے سے لگایا، سروں پر بٹھا یا۔ مفتی اعظم مولانا کفایت اللہ، علامہ محمد ابراہیم بلیاوی وغیرہ کا انتساب ایسے ہی کمزور سماجی گروہوں سے تھا، لیکن بڑے بڑے اہل شجرہ نے ان سے علم حاصل کرنے میں فخر اور ان کی شاگردی پر ناز کیا۔ تاہم مسلمان، توقع کے برخلاف، اس سماجی نظام کو نہ بدل سکے، اور ایک حد تک خود اس کا شکار ہو گئے۔ ان میں خاص طور سے وہ لوگ تھے جو انہی مختلف طبقات سے اسلام میں داخل ہوئے تھے اور اپنا ماضی ساتھ لائے تھے۔
میرے والد، مولانا حامد الانصاری غازی، نے اپنا ایک واقعہ سنایا تھا۔ وہ ایک بار سیرۃ مبارکہ پر تقاریر کے ایک سلسلہ کے لئے مغربی ہند کی ساحلی پٹی کوکن کے ضلع رتناگیری گئے تھے۔ وہاں کے ایک قصبہ شریوردھن میں رات کو جلسہ ہوا۔ صبح کسی صاحب نے ناشتہ پر مدعو کیا تھا۔ ان کے گھر جا رہے تھے تو جلسۂ سیرت کے میزبان نے کہا راستہ ہی میں گاوں کے سید صاحب کا گھر بھی پڑے گا، ان کو ساتھ لے لیں گے۔ سید صاحب کے گھر پر پہنچے تو وہ بیرونی حصے میں کنویں سے پانی کھینچ کر نہا رہے تھے۔ اس قافلہ کو دیکھ کر بولے، بس ذرا اشنان کر لوں تو چلتا ہوں۔ تو یہ کوئی گرفت کی بات نہیں تھی۔ زبان کا معاملہ تھا۔ غسل نہ کہا، مراٹھی کا لفظ استعمال کر لیا۔ اشنان سے فارغ ہو کر سید صاحب اس قافلہ سے آ ن ملے۔ راستہ میں پیپل کا ایک درخت پڑا جس پر کسی عقیدت مند نے گیرو مل دیا تھا اور اگر بتی سلگا کر لگا دی تھی۔ سید صاحب درخت کے سامنے سے گزرے تو شجری مندر کی طرف دونوں ہاتھ جوڑ کر دیوتا کو پرنام کر لیا۔ اب والد صاحب نہ رہ سکے۔ پوچھا کہ اشنان کی حد تک تو تاویل کی گنجائش تھی، مگر یہ سید ہو کر درخت کی پوجا سمجھ میں نہیں آئی۔ تو سید صاحب نے معمہ حل کر دیا:
فرمایا کہ پیپل کا وہ پیڑ ان کا پرانا دیوتا تھا۔ وہ ہندو سے مسلمان ہوئے تھے۔ جب ہندو تھے تو برہمن تھے۔ ظاہر ہے اسلام قبول کرنے کے بعد سید ہونا ان کا حق تھا۔ تو بس سید بھی ہیں اور پرا نے مراسم کی رعایت سے سابق دیوتا کو آتے جاتے پرنام بھی کر لیتے ہیں۔
اسے اتفاقی واقعہ بھی کہا جا سکتا ہے اور اس سے یہ بات بھی سمجھی جا سکتی ہے کہ ہندستانی مسلمانوں میں یہ معاشرتی تقسیم کیونکر آئی۔
ہندستان میں مسلمانوں کا زوال انگریز کا عروج تھا۔ انگریز کے ساتھ ہندستان میں ایک ساتھ کئی صدیاں موثر ہو گئیں۔ ایک طرف دو ہزار سال پرانا معاشرہ تھا جو ذات پات اور پیشہ ورانہ تقسیم کو مذہب کا درجہ دیئے ہوا تھا۔۔ پھر مسلمان تھے جو کچھ اس تقسیم سے متاثر تھے اور ان میں سے کچھ اس نظام کی اصلاح کی مخلصانہ مگر نیم دلانہ کوشش کر رہے تھے۔ انگریز کے ساتھ انیسویں اور پھر بیسویں - اور اب اکیسویں صدی ملک میں آئی۔ تب سے یہی نظام چل رہا ہے۔ ملک میں وہ لوگ اکثریت میں ہیں جو جانوروں سے نچلی سطح پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور اس پر معاشرہ آج بھی فخر کرتا ہے۔ آزادی کے ۶۲ سال بعد بھی اس طبقہ کا سب سے بڑا سرمایہ اس کا افلاس اور بے علمی اور بے زبانی ہے۔ ان لوگوں کو بے علم اور بے زمیں اور بے اساس رکھنا ایک مستقل معاشرتی مقصد ہے۔
اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس ۶۲ سال میں ہندستان نے بہت ترقی کی ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا ریلوے نظام ہندستان میں ہے۔ اگر سب سے اچھی نہیں تو بھی دنیا کی بہترین ٹرین سروس دینے والے ملکوں میں ہندستان کا شمار ہے۔ ہر قسم کی بے شمار صنعتیں نجی اور سرکاری زمروں میں کام کر رہی ہیں۔ ایجادات کے معاملہ میں تو ملک ابھی نقشہ پر نہیں ہے مگر دنیا میں رائج اور پائی جانے والی اشیائے راحت بہر حال ملک میں بن رہی ہیں۔ پچھلے بیس برس میں معاشی چھوٹ کے نتیجہ میں دولت کی ریل پیل ہوئی ہے، مگر اس کا فیض بہت محدود ہے۔ نچلا متوسط طبقہ بالائی متوسط طبقہ بن گیا۔ کم سے کم ایک تہائی آبادی آج بھی غربت سے نیچے کی سطح پر دو امریکی ڈالر روز کی آمدنی پر موت سے لڑ رہی ہے۔ سیاسی نظام ۱۹۵۲ کے مقابلہ میں پست ہوا ہے، تاہم اتنی بات قابل ذکر ہے کہ ملک ابھی تک جمہوری ہے، باوجودیکہ یہ جمہوریت لفظی زیادہ ہے، عملی کم۔ اس کا اظہار بھی الیکشن کے دنوں تک محدود ہے۔ الیکشن کے بعد شائد ہی کوئی عوامی نمائندہ اپنے حلقہ سے رابطہ رکھتا ہو۔ اور اُس قسم کا رابطہ ہندستان میں تو شائد ہی کبھی ہو سکے جس کی ایک مثال کنیڈا کے وزیر دفاع نے پیش کی تھی۔
آٹوا میں ہمارے ایک جاننے والے جس مکان میں کرائے سے رہتے تھے وہ اُس وقت کے وزیر دفاع ڈیوڈ پرَیٹ David Pratt کی ملکیت تھا۔ ایک بار مکان میں کچھ مرمت کی ضرورت پیش آئی۔ یہاں کے معاشی اور اخلاقی نظام میں کرایہ پر دئے ہوئے مکان کی مرمت کی ذمہ داری مالک مکان کی ہوتی ہے۔ چنانچہ کرایہ دار نے مالک مکان کو اطلاع کر دی۔ اسی روز ایک شخص نے گھنٹی بجائی اور مرمت کے بارے میں دریافت کیا۔ صاحب خانہ کام پر گئے ہوئے تھے۔ ان کی بیگم نے کاریگر کو مکان کا مرمت طلب حصہ دکھایا۔ کاریگر نے اس حصہ کی مرمت کر کے خاتون خانہ سے جھاڑو مانگی اور کہا تمہارے چھوٹے بچے ہیں اب تم کہاں کوڑا صاف کرو گی، تو یہ کام بھی میں کر دیتا ہوں۔ اس نے صفائی بھی کر دی۔
کاریگر جب جانے لگا تو خاتون خانہ نے نام پوچھا تاکہ وہ مالک مکان اطلاع دے دیں۔ کاریگر نے اپنا نام بتایا:ڈیوڈ پرَیٹ.
آپ ہمارے وزیر دفاع ہیں ؟ اور یہ کام آپ نے خود کیا ہے ؟
وزیر دفاع نے کہا اس نے کاریگر ڈھونڈا مگر ویک اینڈ ہونے کی وجہ سے وہ فوری طور پر مہیا نہیں ہو سکا، تو وہ خود آ گیا۔
مرمت کے بغیر آپ لوگوں کو ویک اینڈ کے دو دن کے دوران تکلیف ہوتی۔
ہندستان میں تیسرے درجہ کا ایم ایل اے جب باہر نکلتا ہے تو ہٹو بچو کا وہ شور ہوتا ہے اور سڑکیں یوں بند ہو جاتی ہیں جیسے قیامت آ گئی ہو۔ خالص اسلامی ہونے کے دعوے دار ملکوں میں تو فساد اس درجہ کو پہنچ گیا کہ مسلمان دنیا میں شرمندہ ہو گئے۔
بہر حال ہندستان میں کسی وزیر یا مقننہ کے ممبر کا یوں انسانی خدمت پر آمادہ ہونا تو ابھی ایک خواب ہی ہے۔ وہاں بڑی پونجی والوں کی سہولت کی خاطر چھوٹے شہروں کو بڑے شہروں میں اور بڑے شہروں کو فسادی بستیوں میں تبدیل کرنے کا جنون ہے۔ ویسے یہ جنون پڑوسی ملکوں میں بھی اسی طرح ہے۔ کچھ بیس برس پہلے والد صاحب کی علالت کے موقعہ پر آخری سے پہلی بار بمبئی گیا تھا تو پرواز آدھی رات کے بعد پہنچی۔ میں نے ائر پورٹ پر باہر نکل کر ٹیکسی لی۔ مینارہ مسجد کے پاس ٹیکسی اچھی خاصی چوڑی سڑک پر اندر نہ جا سکی۔ رات کے ۳ بجے پوری سڑک پر ہزاروں مرد عورت بچے سو رہے تھے۔ میں اپنا سوٹ کیس ہاتھ میں سنبھالے سونے والوں کے ہاتھوں، پیروں اور سروں کو اپنے قدموں سے بچاتا ہوا اباجان کے گھر کی عمارت تک پہنچا۔
یہ آفت ہر بڑے شہر پر آئی ہوئی ہے کیونکہ روزگار کے تمام ذرائع ہندستان کے گنتی کے چند شہروں میں محدود کر دئے گئے۔ دیہاتوں پر نئے زمینداروں نے قبضہ کر لیا جہاں پرانے دور کا رعیت کا کسان اب زراعتی مزدور ہے جس کے پاس اپنی زمین کل تھی نہ آج ہے۔ وہ کسی دولت مند کسان کے کھیتوں پر مزدوری کرتا ہے۔ قصبوں میں روزگار کے ذرائع بہت کم ہیں پڑچون اور بساطی کی کتنی دکانیں کھولی جا سکتی ہیں ؟ تو ان دیہاتوں اور قصبوں سے لاکھوں بے روزگار لوگ آب و دانہ ڈھونڈتے ہوئے بمبئی، دہلی، کلکتہ، حیدرآباد، کانپور، چنئی اور بنگلور وغیرہ کا رخ کرتے ہیں اور سڑکوں پر رات دن گزارتے ہیں۔ اگر کبھی ان کو مکان وغیرہ مہیا کئے جاتے ہیں تو ایسی جگہ جہاں وہ روزگار نہیں ہوتا جس کی تلاش و جستجو انہیں گاوں کے گھر بار سے اکھاڑ کر شہروں میں لاتی ہے۔ اسی لئے بار بار ایسے مکان چھوڑ کر وہ لوگ پھر اپنے روزگار کے قریب کسی سڑک پر بس جاتے ہیں۔
یہی وہ لوگ ہیں جو سارے بڑے شہروں کی ہر سلوٹ میں جوؤں کی طرح بھرے پڑے ہیں۔
ایک مسئلہ اور ہے۔
سماجی برائی اور اخلاقی گناہ کے ارتکاب کی تین صورتیں ہوتی ہیں۔ ایک یہ کہ آدمی برائی کا ارتکاب کرتا ہے تو اس وقت اس کے دل میں اس کام کے برے ہونے کا احساس جاگزیں رہتا ہے اور اندر اندر وہ اس کام پر شرمندہ ہوتا رہتا ہے۔ دوسری صورت یہ ہے کہ برا کام کرتے ہوئے اس کام کے برے ہونے کا احساس دل و دماغ سے مٹ جاتا ہے۔ آدمی برا کام کرتا ہے اس طرح جیسے وہ دوسرے دس کام معمول کے مطابق کرتا ہے۔ تیسری صورت وہ ہوتی ہے جب برے کام پر وہ فخر کرنے لگتا ہے اور دوسروں کو بھی اس برائی میں ملوث کرتا ہے۔ بدقسمتی سے ہندستان میں تیسری صورت پر عمل ہو رہا ہے۔ وہاں مسئلہ دیانت داری کے فقدان کاہے۔
یہاں کنیڈا کے شہر پیٹر بورو میں ایک بنگلہ دیشی مسلمان تاجر شہید الاسلام نے ایک بار کہا، بھائی، حلال بزنس کرنا بہت مشکل ہے۔ اس سے اس کی مراد یہ تھی کہ وہ اپنے ریستوراں میں شراب رکھنے پر بھی مجبور تھا، کیونکہ شہر میں مسلمانوں کی آبادی نہ ہونے کے برابر تھی اور ریستوراں میں آنے والے تمام مقامی لوگ تھے جن کو کھانے کے ساتھ شراب بھی چاہیئے۔ اب بے چارہ شہید بھائی کیا کرے ؟ اس نے ساتھ ہی چاندی کے زیورات کی ایک دکان بھی کھول لی تاکہ کسی وقت شراب کے دھندے سے خود کو نجات دے سکے۔ اور بالآخر وہ بنگلہ دیشی نوجوان اور اس کی بہن طاہرہ اپنے منصوبے میں کامیاب ہو گئے۔
مگر ہندستان میں ایمانداری سے کاروبار کرنا بہت مشکل ہے۔ وہاں حالت دوسری ہے۔ دفتر سرکاری ہو یا غیر سرکاری مٹھی گرم گئے بغیر پہیہ حرکت نہیں کرتا۔ اتر پردیش ایک ہی ریاست ہے۔ اس کے ضلع بجنور کی میونسپلٹی سے جاری ہونے والی ایک دستاویز ضلع علی گڑھ کے ایک نیم سرکاری دفتر میں اس وقت تک قابل قبول نہ ہوئی جب تک کہ متعلقہ شخص سے نہ کہا گیا کہ ’’حساب سے ‘‘ جو بھی معاوضہ بنتا ہے وہ لے کر کام کر دے۔ یہ سنتے ہی اسی افسر نے جو دستاویز کی تصدیق بجنور سے کروانے پر مصر تھا منٹوں میں کام کر دیا۔ ہندستان کا تاجر چھوٹا ہو یا بڑا، ٹیکس نہیں دیتا۔ ہمارے لوگ یہی مزاج لے کر کنیڈا بھی آئے ہیں۔ یہاں کا مقامی باشندہ کبھی ٹیکس ادا کرنے سے انکار نہیں کرتا۔ برصغیر اور عرب دنیا کے گاہک ہر گز ٹیکس دینے پر آمادہ نہیں ہوتے۔
ہندستان میں ٹیکس کے محکمے خود ٹیکس چوری پر مجبور کرتے ہیں۔ کسی نے بتایا تھا کہ حیدرآباد کے ایک تاجر نے فیصلہ کیا کہ پوری دیانتداری سے ہر طرح کا ٹیکس ادا کیا کر ے گا کیونکہ جو رقم حکومت کو جاتی ہے وہ خدمات کی شکل میں عوام کے پاس ہی لوٹ کر آتی ہے۔ پہلی سہ ماہی کا سیلز ٹیکس کچھ ایک لاکھ روپیہ ہوا۔ تاجر نے سارے کھاتے ایمان داری سے لکھوا کر محکمہ کو ٹیکس کی رقم کا چیک بھیجا۔ کہا جاتا ہے کہ وہاں سے ایک کارندہ آیا اور کہا، یہ سب چھوڑئے۔ بس سال بہ سال پچاس ہزار روپیہ دے دیجئے، آپ کا بھی بھلا ہے اور ہمارا بھی۔ تاجر پر ایمانداری کا رنگ بہت گہرا تھا۔ اس نے انکار کر دیا۔ کارندہ واپس چلا گیا۔ دو دن بعد محکمہ میں طلبی ہوئی اور اس کے کھاتوں پر جا بجا لال نشان لگے ہوئے تھے۔ انہوں نے وضاحتیں کیں۔ دو دن بعد پھر بلایا گیا، پھر نئے لال نشان لگے دیکھے۔ تین چار بار یہ سلسلہ ہوا۔ تاجر کا زیادہ وقت سرکاری دفتر میں گزرتا، کاروبار ملازم دیکھتے، آمدنی کم ہو گئی۔ تاجر نے محکمہ میں اپنے دکھ کی شکایت کی، تو افسر نے کہا، بھئی سیلز ٹیکس کا معاملہ ہے، سوالوں کے جوابات تو دینے پڑیں گے نا! تاجر نے پچاس ہزار روپیہ نذر کیا اور ایمان داری کے نام کانوں پر ہاتھ دھرے۔
چھوٹے بڑے ہر شہر میں بجلی غائب ہوتی ہے اور گھنٹوں لا پتہ رہتی ہے۔ لوگ دھڑلے سے میٹر میں گڑبڑ کرتے ہیں، شہروں کے رہائشی حصوں میں غیر قانونی کارخانے تار پر کٹوا ڈال بجلی چرا لیتے ہیں اور اس کا ایک پیسہ سرکار کو ادا نہیں کرتے۔ بھارتی جنتا پارٹی کے دہلی کے وزیر اعلیٰ، شائد مدن لال کھرانا، نے ایک بار کہا تھا کہ دہلی میں بجلی چوری کوئی بھی بند نہیں کروا سکتا۔ میں جب علی گڑھ میں پڑھ رہا تھا تو ایک بار اپنے ہم جماعت (اب فلسفہ کے رٹائرڈ ریڈر ڈاکٹر) نوشاد حسین کے ساتھ قریب کے قصبہ قاسم پور جانے کا اتفاق ہوا۔ وہاں بجلی گھر ہے جس میں اُن دنوں نوشاد صاحب کے ایک عزیز کام کرتے تھے۔ ہم نے اندر جا کر بجلی گھر دیکھا اس میں دو ٹربائنیں لگی ہوئی تھیں۔ اس وقت ایک چل رہی تھی، دوسری مرمت کے لئے بند تھی۔ بجلی گھر کے ایک کارکن نے بتایا کہ جو ٹربائن چل رہی تھی وہ تنہا پورے اتر پردیش اور دہلی کو بجلی مہیا کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔ یہ پچاس سال پہلے کی بات ہے۔ مان لیا کہ اب اتر پردیش اور دہلی میں بجلی کا استعمال بڑھ گیا۔ چلو دوگنا ہو گیا ہو گا۔ تو کیا اس پچاس سال میں بجلی کی پیداوار میں دو گنا اضافہ نہیں ہوا۔ پھر یہ بجلی کیوں چلی جاتی ہے ؟ سیدھی سی بات ہے۔ بجلی کی چوری ہوتی ہے تو ٹربائنوں، تقسیمی مراکز وغیرہ کی مرمت، صفائی، نئے پرزوں کے لئے پیسہ نہیں آتا۔ تو بس انہی پرانے گھسے ہوئے پرزوں سے مشین چلانی پڑتی ہے جو بار بار بند ہو جاتی ہے۔ دکھ کون جھیلتا ہے ؟ وہی لوگ جو بجلی کے پیسے ایمان داری سے دے دیں تو ۲۴ گھنٹے آرام سے رہ سکتے ہیں۔ اسی کو کہتے ہیں برا کام کرنا اور اس پر فخر بھی کرنا۔ اسے بے حسی بھی کہا جاتا ہے۔
ایسا نہیں کہ مغربی ممالک میں سب دودھ کے دھلے ہیں۔ اس قسم کی برائیاں یہاں بھی ہیں اور بہت ہیں، مگر ان کا انداز ذرا مختلف ہے۔ اتنی بات ہے کہ یہاں اسے کرپشن نہیں کہتے۔ بڑے بڑے تجارتی اداروں میں کروڑوں کے گھپلے ہوتے ہیں اور حصہ داروں کی زندگی بھر کی بچت اچانک ہوا میں تحلیل ہو جاتی ہے۔ اس کی کوئی داد فریاد نہیں ہوتی۔ ان گھپلوں کی تائید میں قوانین موجود ہیں یا قوانین کی تاویل کرنے والے وکیل۔ اسی لئے یہاں وکیل سب سے زیادہ دولت مند لوگ ہوتے ہیں۔ درمیانے درجہ کے وکیل کی ایک گھنٹہ کی اوسط فیس تین سو ڈالر ہوتی ہے۔ بڑا وکیل ہو تو اسی قسم کے گھپلوں کو قانون کی زد سے بچانے کے لئے ہزار دو ہزار ڈالر فی گھنٹہ بھی بناتا ہے۔
تو بات ساری برائی کو برائی سمجھنے اور سمجھ کر اس سے بچنے کی ہے۔ ہندستان میں اچانک دولت مند بن جانے والے ۳۰ کروڑ افراد کے دلوں سے برائی کا تصور مٹ گیا۔ ملک میں آج سب سے بڑی اچھائی دولت ہے۔ تنخواہیں ہزاروں سے کود کر لاکھوں تک پہنچ گئیں۔ دولت کا نشہ شراب سے زیادہ تیز ہے، شراب تو گزک کی جگہ رہ گئی ہے۔ شادیوں اور تقریبات میں لاکھوں روپے کی مالیت سے تیار ہونے والا کھانا دعوت کے بعد پھنکوا دیا جاتا ہے۔ ملک میں جو غریب ہے وہ بھی دولت کمانے کے لئے ہر برا کام کرنے کو تیار ہے۔ سیاست داں اس کام میں سب سے آگے ہیں۔ پارلیمان سے میونسپل بورڈ تک کے لئے منتخب ہونے والے ہزارہا عوامی نمائندوں کی منطق میں یہ عہدے دولت سمیٹنے کا ذریعہ ہیں۔ ایک نیم جاہل آدمی دو ایک مدت پارلیمان میں جا بیٹھے تو کم از کم اپنے شہر کا امیر ترین فرد بن جاتا ہے۔ منموہن سنگھ کی ایمانداری کا ایک معمولی واقعہ ابلاغیہ میں بہت اہم بنا کر بیان کیا گیا، صرف اس لئے کہ اب سیاست داں بد عنوانی اور لوٹ کھسوٹ سے پہچانے جاتے ہیں۔ خوشونت سنگھ نے ایک انٹر ویو میں کہا کہ برسوں پہلے ایک الیکشن کے دوران منموہن سنگھ کا داماد ان کے پاس آیا اور ووٹروں کو پولنگ بوتھ پر لانے کے لئے الیکشن فنڈ میں مدد کا خواستگار ہوا۔ خوشونت نے اگلے دن دو لاکھ روپے اسے دے دئے۔ الیکشن ہوا۔ منموہن سنگھ ہار گئے۔ اسی رات وہ خوشونت کے گھر پر آئے۔ مدد کا شکریہ ادا کیا اور ر رقم واپس کی۔ خوشونت کو حیرت ہوئی۔ منموہن نے کہا انہوں نے وہ رقم استعمال نہیں کی تھی، سو واپس کر رہے ہیں۔ یہ ان منموہن سنگھ کا واقعہ ہے جن کی حکومت کو ۲۰۰۸ میں عدم اعتماد تحریک سے بچانے کے لئے ان کی کانگرس پارٹی نے اخباری اطلاعات کے مطابق ۲۵ کروڑ روپے پارلیمان کے ان ممبروں کو بانٹے تھے جن کے تائیدی ووٹوں کی حکومت کو ضرورت تھی۔ ایک ممبر پارلیمان نے تو برملا کہا تھا کہ اسے پانچ کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی تھی۔
یہ ہے وہ رونا کہ آج کے ہندستان کے نو دولتئے سیاست دانوں اور سائنسدانوں کو یہ خبر ہی نہیں کہ آج کی دنیا کل کی دنیا سے ہرگز بہتر نہیں۔ یہی طبقہ بڑھ رہا ہے۔ اس کی اصلاح کسی کی زندگی کا مقصد نہیں۔ انہی لوگوں کو بار بار یہ افیم پلائی جا رہی ہے کہ ملک بس سپر پ اور بننے ہی والا ہے۔ کوئی ملک سپر پ اور کیسے بنتا ہے اور کون سا ملک بنتا ہے یہ ایک الگ داستان ہے۔ مگر چلو۔ کوئی چمتکار ہو جائے تو ہندستان کتنے دن اس پدوی پر بیٹھ سکے گا؟ امریکہ جیسا ملک ۶۵ برس یہ بوجھ نہ جھیل سکا۔ اب اس کی معزولی کے قصے خود امریکی دانشور رقم کر رہے ہیں۔ اور چلو بن گیا سپر پ اور تو بھی کیا۔ ہاتھ پلے کچھ ہے دنیا کو دینے کو؟ برطانیہ نے صنعتی انقلاب اور کچھ مادی راحتیں تو دنیا کو دی تھیں۔ امریکہ اور سوویت یونئن نے دنیا کو جنگیں دی تھیں اور ہتھیار دئے تھے۔ سوویت یونئن کا کیا ہوا سب نے دیکھا۔ اس بے چارے نے تو کمیونزم بھی برطانیہ سے ادھار لیا تھا۔ تو بھیا کوئی نئی اچھی بات کر کے دکھاؤ۔ ورنہ یہ سپر پ اور ہونا ایسا ہی ہے جیسے کسی داود ابراہیم کی جگہ کوئی ارون گولی لے لے۔ تو بمبئی کو کیا فرق پڑا تھا جو کل دنیا کو پڑ جائے گا؟
٭٭٭

تربیت

نکتہ

سر ایلن سٹئرSir Alan Steer، ایک سابق ہیڈ ٹیچر، نے تنبیہ کی ہے کہ (انگلستان میں )جو سکول اکثر طلبہ کو دو یا تین ہفتہ کے لئے کلاس سے معطل کر دیتے ہیں انہیں اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کرنی چاہیئے، کیونکہ وہ بچوں کی شرارتوں کا مسئلہ طے نہیں کر سکے۔۔۔۔ سر ایلن نے یہ بھی کہا کہ استادوں کو تادیبی اقدامات، مثلاً شریر بچوں کو چھٹی کے بعد کچھ دیر سکول میں رو کے رکھنے اور ان کے موبائل فون ضبط کرنے کا حق دینے کے لئے قوانین بنائے جائیں۔ ان کے خیال میں اساتذہ کو نئے اختیارات دینے لازم ہیں کیونکہ بہت سے والدین سکولوں میں تادیبی اقدامات کی حمایت کے بجائے ان کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کچھ سکول قدیم روایت ی طرز کے تادیبی اقدامات سے گریز کرتے ہیں۔
- رچرڈ گارنر
مدیر تعلیم، بچوں کو شاہی تفریح مہیا کرو، دی انڈ پنڈ نٹ، لندن، انٹرنیٹ اڈیشن، (آزاد اردو ترجمہ: م ط غ )منگل ۵ مئی ۲۰۰۹
- Richard Garner
Education Editor, Give kids a right to royal rollicking, The Independent, London, Internet Edition, Tuesday 5 May 2009

گفتہ

مجھے لندن کے سکولوں کو پیش آنے والے ڈسپلن کے مسائل پر کچھ نہیں کہنا۔ کہنا یہ ہے کہ یہ مسئلے برطانیہ، امریکہ، کینڈا، ہندستان، پاکستان وغیرہ میں پیدا کیوں ہو رہے ہیں۔ قصور کس کاہے ؟ طلبہ و طالبات کا، ان کے استادوں کا، یا نظام تعلیم اور معاشرہ کی پیدا کردہ حماقتوں کا؟
اکثر بچے شریر اور بد تمیز ہیں۔ اس میں شک نہیں۔ مگر قصور ان کا نہیں ہے۔ استاد تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ڈرتے ہیں کہ ذرا کوئی بات ہوئی اور والدین چڑھ دوڑے۔ پھر کتنے استاد ہیں جو اپنے شاگردوں کو اپنے بچوں کی طرح، بلکہ ان سے بھی زیادہ، عزیز رکھتے ہوں۔ طلبہ اور طالبات پر استادوں کا رعب بالکل نہیں رہا۔ ماں باپ یہ رعب قائم نہیں ہونے دیتے۔ ماں باپ کا بھی بچوں پر کوئی رعب دبدبہ نہیں ہے۔ استاد یہ رعب دبدبہ قائم نہیں ہونے دیتے۔ مغربی ملکوں میں والدین بچوں کو چھوڑ کر ہر سال اپنی تفریحوں پر نکل جاتے ہیں، تو بچوں میں ان کی محبت یوم مادر، یوم پدر، یا بہت ہوا تو کرسمس کے موقعہ پر ذرا دیر کو جاگتی ہے۔ اس ہنگامی اظہار تعلق کے بعد وہ معاشرہ میں پھر بے مقصد زندگی گزارتے رہتے ہیں۔ امریکہ کی ریاست کولوریڈو کے قصبہ کولمبائن میں ۲۰ اپریل ۱۹۹۹ کو اسی سکول کے دو بچوں، ایرک ہیرس اور ڈائلان کلیبولڈ، نے جو قتل عام کیا تھا اس کا سبب، واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، معاشرہ سے ان دونوں بچوں کی نفرت اور شکایات تھیں۔ ہیرس کو اپنے والدین سے بھی شکایت تھی ان کے پاس اس کی بات سننے اور اس کے مسائل کے حل سے دلچسپی لینے کا وقت نہ تھا۔ یہ بچے استادوں سے بھی مطمئن نہیں تھے۔ ظاہر ہے یہ عام نوعیت کا واقعہ نہیں تھا۔ ایسے بڑے سانحے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔ یہ حادثہ امریکہ کی تاریخ میں بھی اتنا بڑا تھا کہ اس کے اسباب و عوامل پر علاقائی سے وفاقی حکومتوں، ابلاغیہ، درسگاہوں تک نے تفتیشی دلچسپی لی۔
مگر کیا ان تمام تمرینوں اور تفتیش و تحقیق کی مشقوں کے بعد کوئی انقلاب آیا، کوئی تبدیلی کی گئی؟
نہیں۔ معاشرہ بھی وہی رہا اور نظام تعلیم بھی۔ ذہن بھی وہی اور صورت حال بھی۔
نہ ماں باپ کا رویہ بدلا۔ نہ اساتذہ کے طرز عمل میں فرق پڑا۔ نہ نصاب تعلیم کی اصلاح ہوئی۔ نہ فلسفۂ تعلیم پر نظر ثانی کی گئی۔ ہاں جو ہوا وہ یہ کہ کولمبائن حادثہ کی تحقیق و تفتیش کے بعد اس نوعیت کے کئی اور اندوہناک واقعات امریکہ اور کنیڈا کی تعلیم گاہوں میں ہوئے۔ ہر تکلیف دہ اور افسوسناک واقعہ کے بعد اخباروں اور ٹیلیوژن اور ر ریڈیو پر چند روز پھر خبروں کی گرما
گرمی رہی اور ذرا کی ذرا میں دوسرے حوادث کی لپٹوں میں اس موضوع کو بار بار موت کی نیند سلایا جاتا رہا۔ عمل کی دنیا میں وہی سناٹا لوٹ لوٹ کر آتا رہا۔
کئی سال پہلے کی بات ہے، جدہ، سعودی مملکت، میں ایک دوست کے ہاں افطار پر میں مدعوتھا۔ انہوں ایک اور صاحب کو بھی بلایا تھا جو پیشہ سے ڈاکٹر تھے۔ ان کا ایک بچہ مقامی انڈین ایمبسی سکول میں آٹھویں یا نویں کا طالبعلم تھا۔ وہ بھی ہمارے پاس ہی بیٹھا تھا۔ موضوع گفتگو انڈین سکول ہی تھا۔ جدہ کے ہندستانی (خاص طور سے مسلمان)باشندوں کا یہ پسندیدہ موضوع تھا۔ شائد اب بھی ہو۔ اس سکول میں کو ئی بھلائی دکھائی نہ دیتی تھی۔ اساتذہ میں کوئی صلاحیت نہیں تھی۔ باپ ڈاکٹر مستقل اپنے بچے کے سکول کی مذمت میں زبان آوری کا مظاہرہ فرما رہے تھے۔ اسی دوران انہوں اپنے بچے کے کسی استاد پر تنقید شروع کی۔ بچہ کو شہ ملی اور اس نے کہا، جی، پاپا، وہ سر توبالکل بے وقوف ہیں !باپ نے بچے پر ایک تائیدی نظر ڈال کر سلسلۂ کلام جاری رکھا۔
اس وقت مجھے ایک اور واقعہ یاد آ گیا۔ میں یہی آٹھویں نویں میں پڑھ رہا تھا۔ چھوٹے بھائی خالداس وقت پانچویں میں تھے۔ ایک روز ہم دونوں اپنے سکول، ہاشمیہ، کے بارے میں کچھ باتیں کر رہے تھے۔ والدہ قریب ہی بیٹھی کسی کام میں مشغول تھیں۔ اسی اثنا میں ایک استاد، عبداللطیف عارف زادہ صاحب، کا ذکر نکلا۔ پورے سکول پرلطیف سر کا بڑا رعب تھا۔ وہ ڈسپلن کے بڑے پکے تھے۔ بس میرے منہ سے یہ نکلا کہ لطیف سر بہت سخت ہیں۔
یہ سنتے ہی والدہ کی ڈانٹ پڑی۔ کہا، شرم نہیں آتی اپنے استادوں کی برائی کرتے ہو۔ یہی سیکھتے ہو سکول میں۔ تم سے اچھے تووہ جاہل ہیں جو اپنے بڑوں کی عزت کرتے ہیں۔ ڈوب مرو ایسی باتیں کرتے ہوئے۔
اس دن اتنی شرمندگی ہوئی کہ ہم دونوں پسینہ پسینہ ہو گئے۔ یہ دو واقعے خود ہندستان میں ایک نسل کی مدت میں پڑ جانے والے فرق کی نشان دہی کرنے کو کافی ہیں۔
یہاں مغرب میں جہاں بعض ممالک میں ہائی سکول تک کی تعلیم مفت اور جبری ہے، اس فرق کو اساتذہ محسوس کرتے ہیں۔ وہ فطری طور پر اپنے طلبہ طالبات سے عزت و احترام کی توقع رکھتے ہیں مگر، پھر نظام تعلیم اور نظم معاشرہ کی افتاد ان پر بھی ہے۔ جب بچے ان کا احترام نہیں کرتے توظاہر ہے انہیں رنج ہوتا ہے، مگر وہ اس کا سبب نہ جانتے ہیں نہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔ اور جان بھی لیں تو معاشرہ کسی تبدیلی کی اجازت نہیں دیتا۔
ایک ماں اپنی بچیوں کے سکول میں گئی اور ایک بچی کی ٹیچر سے ملی۔ ٹیچر نے بچی کے سامنے ہی کہا کہ اسے ذاتی نام سے مخاطب کیا جا سکتا ہے، مگر ساتھ ہی بچی کی طرف دیکھ کر واضح کیا کہ اسے مسز فلاں ہی کہنا پڑے گا۔ وہ نام لے کر مخاطب نہیں کر سکتی۔ ٹھیک ہے۔ لیکن پھر وہی ٹیچر یا اس کی عمر کی کوئی اور عورت یا مرد اگر کسی سکول جانے والے بچے یا بچی کے ساتھ کسی سٹور میں ساتھ کام کر رہے ہوں تو دونوں ایک دوسرے کو ذاتی نام ہی سے مخاطب کرتے ہیں، مسز فلاں کے طور پر نہیں۔ ایک سٹور میں ایک ۵۵ سالہ خاتون فرانس اور یونیورسٹی میں پڑھنے والی ۲۱ سالہ طالبہ لورینا ساتھ ہی کام کرتی تھیں اور عمر کے اتنے تفاوت کے باوجود ایک دوسرے کو فرا نس اور لورینا ہی پکارتی تھیں۔ دونوں کا درجہ اور کام برابر کا تھا۔ تو بڑائی اور عزت کس بات کی؟ایک سکول ٹیچر نے کپڑوں کی سٹور میں سیلزکا کام شروع کر دیا۔ اب اگر اس ٹیچر کی کوئی طالبہ وہاں آئے گی تو اس کو مسز ہیو کہے گی یا کرسٹین؟ظاہر ہے دکان پر وہ مسز ہیو نہیں، سب کے لئے صرف کرسٹین ہے۔
یہ سب اس آزادی کا کرشمہ ہے جس کی حدود نئی تہذیب میں متعین نہیں ہیں۔ یہ ان معاشروں کی کہانی ہے جہاں فرق مراتب انتہا پسندانہ مساوات کے سیلاب میں بہہ گیا۔ سارے متضاد فلسفے ایک ہی کان سے نکلے ہیں جن پر باقی دنیا میں اس طرح عمل ہوتا ہے جیسے وہ سب کے اعتقادات کا لازمی جزو ہوں، بلکہ ان سے بھی زیادہ۔ یعنی ایک شخص نماز پڑھے بغیر تو مسلمان رہ سکتا ہے، اس مساوات کا اقرار کئے بغیرمہذب دنیا میں سر اٹھانے کے قابل نہیں رہتا۔ بندروں کی سی یہ نقالی کبھی کبھی بڑی مضحکہ خیز صورت پیدا کر دیتی ہے۔
مغرب میں معاشی نظام ایسا بنایا گیا ہے جو مرد اور عورت دونوں کو عموماًملازمت پر مجبور کرتا ہے۔ اسی لئے یہاں اول تو شادیاں ہی ۳۰-۴۰سال کی عمر میں ہوتی ہیں، اور شادی کے بعد بھی بچوں کی پیدائش سے دلچسپی نہیں ہوتی۔ پھر جن کے بچے ہو جاتے ہیں تو ان کے لئے مسئلہ ہوتا ہے کہ میاں بیوی دونوں کام پر جائیں گے تو بچوں کی نگہداشت کون کرے گا۔ یہ پورے معاشرہ کا مسئلہ تھا تو خودمعاشرہ نے اس کا حل ڈھونڈا۔ اس مقصد کے لئے سکول کی باقاعدہ پہلی جماعت سے پہلے دو یا تین سال سکولوں میں شروع کئے گئے جن کو بچوں کا باغ، یعنی کنڈر گارٹن کہا جاتا ہے۔ کنڈر گارٹن جرمن زبان کا مرکب لفظ ہے۔ پہلے یہ ایک سال کا ہوتا تھا، اب دوسال کی مدت کاہے۔ اس میں بچوں کو پڑھایا کچھ نہیں جاتا، سوائے اس کے کہ الفابیٹ یاد کروادی، تھوڑی سی گنتی سکھا دی، باقی گانے گوائے جاتے ہیں یا دستکاری کی فضول مشقیں، بچوں کو مصروف رکھنے کی غرض سے کروائی جاتی ہیں۔ ان کے علاوہ ڈے کیر سینٹر ہوتے ہیں جہاں سند یافتہ عورتیں چھوٹے بچوں کی نگہداشت کرتی ہیں۔ بعض بچے تین گھنٹہ سکول میں گزارنے کے بعد کسی ایسی خاتون کے پاس چلے جاتے ہیں جو ڈے کیر کی ذمہ داری لیتی ہے۔ یہ یہاں کی مجبوری ہے۔ کیونکہ باپ تو درکنار، ماں کے پاس بھی تین چار سال کے بچے کے لئے وقت نہیں ہوتا۔
مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ اب چونکہ مغربی ممالک میں کنڈر گارٹن ہوتا ہے توثابت ہوا کہ ہم نے بھی ایسا نہ کیا توہمارے بچے جاہل رہ جائیں گے اور ہمیں بے تہذیب اور پسماندہ سمجھا جائے گا۔ چنانچہ جدہ کے انڈین اور پاکستانی سکولوں میں بھی کے۔ جی۔ جونئر اور سینئر کی کلاسیں شروع کرنا لازم ہوا۔ اس کا سب سے زیادہ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ان کلاسوں میں اُن عورتوں کے بچے جاتے ہیں جو سارا دن گھر میں اکیلی پڑی اینڈتی اور سوتی رہتی ہیں۔ انہیں دنیا میں کوئی کام نہیں ہوتا، کوئی دلچسپی نہیں ہوتی۔ ظاہر میں پڑھی لکھی ہوتی ہیں مگر نہ انہیں کچھ پڑھنے سے دلچسپی ہوتی ہے، نہ سینے پرونے سے۔ کپڑے درزی کے پاس سلواتی ہیں۔ کڑھائی بنائی دقیانوسی اور جاہل عورتوں کے کام تھے۔ ان عورتوں کا واحد مشغلہ یہ ہے کہ شام کو مرد گھر پر آئے تو اس کے ساتھ روزانہ بلاناغہ بازاروں کے چکر لگائیں۔ بس۔
جدہ کے یہ غیر ملکی سکول بھی بچوں کو کنڈر گارٹن میں بھیجنے کی شرط لگاتے ہیں، کیونکہ یہ ان سکولوں کی اضافی آمدنی کا ذریعہ ہے۔
تو بات ان بے شعور ایشیائیوں کی نہیں۔ ان کے ہاں ابھی وہ سب نہیں ہو رہا ہے جو مغربی ملکوں میں اکثر اخباری سرخیوں میں چیختا رہتا ہے۔ مگر وہ سب بھی ہو گا اور چند ہی برس میں ہو گا۔ ترقی تو اسی طرح ہوتی ہے۔
مغربی ممالک میں بہر حال مسئلہ کی سنگینی کے پیش نظر گفتگو ضرور ہو رہی ہے۔ کینڈا میں ایجوکیشن بورڈ میں یہ نکتہ زیر غور آیا کہ بچوں میں اپنے بڑوں کے لئے احترام مفقود ہوتا جا رہا ہے۔ مگر یہ بات ان کی سمجھ میں نہیں آئی کہ طلبہ و طالبات میں احترام پیدا کیسے کیا جائے۔ ان کا اصل مسئلہ احترام کا فقدان نہیں بلکہ یہ ہے کہ مروجہ نظام میں کوئی تبدیلی لائے بغیر احترام پیدا ہو جائے۔ وہ نظام کیا ہے ؟
ایک سکول سے خبر ملی کہ کے۔ جی۔ جونئر کے ایک لڑکے نے اپنی ایک ہم جماعت سے اظہار عشق کیا۔ ’’مجھے تم اچھی لگتی ہو۔ ‘‘بچی کی ایشیائی ماں نے جاکر ٹیچر سے بات کی۔ ٹیچر نے اتفاق کیا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔ ’’یہ بہت قبل از وقت ہے۔ یہ دونوں ابھی کے۔ جی۔ جونئرمیں ہیں۔ ہاں پہلی جماعت میں آنے کے بعد ٹھیک ہے۔ ‘‘
چار سال کا وہ بچہ تو معصوم تھا۔ اسے خبر بھی نہیں تھی وہ کیا کہہ رہا تھا۔ اس نے تو وہی دہرایا تھا جو اس کے گھر اور محلہ کے سارے بڑے اس کے سامنے صنف مقابل سے کہتے رہتے ہیں اور اس سے بھی زیادہ کچھ برملا کرتے رہتے ہیں۔ اس عمر کے بچوں کوخاندان سازی کے عملی پہلو کے بارے میں وہ سب کچھ بتادیا جانا ضروری خیال کیا جاتا ہے جس کے سمجھنے کی ان میں کوئی صلاحیت نہیں ہے۔ یہاں ایک سکول میں دوسری جماعت کی ٹیچر سے میں نے ایک بارپوچھا کہ کیا خیال ہے اگر اس سال کے۔ جی۔ کے سارے بچوں کوآٹوا یونیورسٹی سے پی ایچ۔ ڈی کی ڈگریاں دے دی جائیں۔ وہ اس تجویز کو ایک لطیفہ سمجھ کر ہنسنے لگی۔ مگر مجھے سنجیدہ دیکھ کر وہ بھی سنجیدہ ہو گئی۔
ویل، اس کے لئے بچوں کو تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔
میں نے کہا :
بالکل درست۔ لیکن اس اصول پر ہر معاملہ میں تو عمل نہیں ہو رہا ہے۔ کیا یہ بات غلط ہے کہ کے۔ جی۔ کی ایک بچی کو ماں اور ایک بچے کو باپ بننے کے لئے بھی تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔ اور جب وہ وقت آئے گا تو ضروری معلومات یا وہ خود حاصل کر لیں گے یا معاشرہ اس وقت کوئی انتظام کر لے گا۔ آپ ہائی سکول کا نصاب پہلی جماعت میں نہیں پڑھاتے کہ ابھی نہ بچوں میں اتنی سمجھ ہے اور نہ اس کا وقت آیا ہے۔ لیکن اسی عمر کے بچوں کو دوسری کچھ باتیں بتادیتے ہیں اور یہ نہیں سمجھتے کہ یہ بھی بالکل اسی طرح قبل از وقت بلکہ احمقانہ ہے جیسے کے۔ جی۔ کے کسی بچہ کو پی ایچ۔ ڈی۔ کی ڈگری دینے پر غور کرنا۔
یہ سادہ باتیں بڑوں کی سمجھ میں نہیں آتیں۔ یہاں ہاتھی کے جسم کے ہر حصہ کو الگ الگ دیکھ کر اس پر رائے قائم کی جاتی ہے۔ اسی لئے اسے مجموعی طور پر ہاتھی ماننا دشوارہوتا ہے۔ بعض معاملات میں منطقی بات پر اصرار کو ایشیائی افریقی کلچر قرار دے کر رد کر دیا جاتا ہے جو زیادہ ترقی یافتہ مغربی کلچر کے مقابلہ میں دقیانوسی اور پسماندہ گردانے جاتے ہیں۔ مگر بات پسماندگی اور دقیانوسیت یا ترقی اور آزاد خیالی کی نہیں۔ داخلی تضاد کی ہے۔ اس سے کسے انکار ہے کہ مغربی ممالک میں مغربی کلچر ہی موثر ہے، بلکہ ایشیائی اور افریقی واردان نو کی بڑی تعداد بھی اس کلچر سے متاثر ہے، خصوصاً سکولوں اور یونیورسٹیوں میں جانے والی نئی پود۔ بحث اس وقت پیدا ہوتی ہے جب ان بچوں کا طرز عمل ان کے بڑوں اور معاشرہ کے رہنماوں کے لئے تشویش کا باعث بنتا ہے۔ میں بھی جو بات اس ٹیچر سے کہنا چاہتا تھا وہ یہی تھی کہ یا تو نوجوانوں اور بچوں میں پائے جانے والی احترام کی کمی کی شکایت مت کرو یا مسئلہ کو اس کے درست پس منظر میں دیکھو۔
سکولوں میں بچوں کویہاں یہ سکھایا جاتا ہے کہ تم کسی بھی بات کو ویسے قبول نہ کرو جیسے تمہارے بڑے تمہیں بتا رہے ہیں، بلکہ سوال کرو۔ ہر بات کا ثبوت مانگو، دلیل پوچھو، بحث کرو۔ اور اگر والدین جبراً کوئی بات منواناچاہیں تو سکول میں آ کر بتاؤ۔ یہاں سے بچہ پہلے تو چغل خوری سیکھتا ہے، پھر اس کے دل سے سب سے پہلے والدین کا احترام ختم ہوتا ہے۔ گھر میں اگر کسی بات پرہلکا سا چپت بھی لگادیا تو بچہ فوراًسکول میں اس کی خبر کرتا ہے۔ سکول فوراً اس کی اطلاع پولس کو کرتا ہے۔ پولس بلا تاخیر اس گھر پر پہنچ جاتی ہے۔ ماں باپ کو خاموش کر دیا جاتا ہے اور تنہائی میں بچوں سے مختلف قسم کے سوالات کئے جاتے ہیں۔ پھرذرا بھی شبہ ہو توبچوں کو والدین کے پاس نہیں رہنے دیا جاتا۔ پولس والے اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔ بعد میں والدین پر بچوں سے ملنے پر بھی پابندی لگ سکتی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کے سخت قوانین اس معاشرہ کی اشدضرورت ہیں۔ ماں باپ دونوں ہی کام کرتے ہیں۔ شام کو تھکے ہارے آتے ہیں تو اپنی اپنی تفریحوں کے لئے کچھ وقت چاہتے ہیں۔ یا کہیں دوستوں سے ملنے نکل جاتے ہیں، مال چلے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کم سن بچوں بچیوں کے ساتھ بالغ بلکہ بعض اوقات معمر رشتہ داروں کی بے شرمانہ حرکتیں بہت ہیں۔ کبھی کبھی ایسی نازیبا حرکتوں کی خبر ابلاغیہ اور معاشرہ کو اس وقت ہوتی ہے جب وہ بچہ یا بچی خود ۳۰-۳۵ سال کی ہو جائے۔ اس قسم کی صورت حال سے بچنے کے لئے اور ناسمجھ بچوں کے تحفظ کی خاطر یہ نہایت سخت قوانین بنائے گئے ہیں۔ مگر پھر مسئلہ اپنی جگہ پر ہے۔ اول تو بچوں کے ان بزرگوں کو دس، بیس، تیس سال پہلے یہی سبق تو دیا گیا تھا کہ مرد اور عورت باہمی تفریح کی بس دو مشینیں ہیں۔ زیادہ بے حس لوگ اپنے بچوں کو بھی وہی مشینیں سمجھ بیٹھتے ہیں۔ دوسری طرف کوئی ایسا بچہ جس کاجسمانی استحصال ہوا ہو کسی ایسے بڑے کی عزت کر ہی نہیں سکتا۔ اور یہ نہ بھی ہوا ہو تو قوانین اور معاشرہ کے طرز کی وجہ سے بچہ کے دل سے ہر بڑے کی عزت ختم ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد جب دفتروں اور دکانوں پر کام کرنے والے عمر کے فرق کا لحاظ کئے بغیر، ساتھی کارکنوں کا نام لے کر پکارتے ہوں تو احترام کہاں رہے گا۔ سب برابر ہیں۔ ظاہر ہے کم سن بچوں کے استحصال کے پیچھے بھی یہی برابری اور مساوات کی نفسیات کام کرتی ہے۔ لوگ اس صورت حال کا تجزیہ نہیں کر سکتے۔ تجزیہ کاری ان کی تربیت اور تعلیم کا حصہ نہیں ہے۔ ایک باپ یا چچا کے لئے بیٹی بھتیجی یا کسی دیگر عورت میں کوئی فرق نہیں، ایک خاتون ٹیچر اپنے شاگرد میں معاشرہ کے ہر مرد کا عکس دیکھ سکتی ہے۔ یہی نظریہ جب گمبھیر ہو جائے تو بات ہاتھ سے نکل جاتی ہے۔ درست ہے کہ یہ عام بات نہیں ہے۔ ایسے واقعات بہت کم ہیں۔ لیکن اگر ہندستان، پاکستان، چین، افغانستان، مصر، عراق، ملیشیا اور سینیگال سے موازنہ کیا جائے تو وہاں کے پیمانوں پر یہ معاشرتی گناہ سنگینی کی حد کو پہنچ چکاہے۔
ان بڑی باتوں کے علاوہ کچھ چھوٹی چھوٹی باتیں بھی ہیں۔ میرے ایک عزیز کا امریکی بیٹا ایک بار مجھ سے ملنے کے لئے آیا۔ عمر میں وہ میرے بیٹے ہی کی سی عمر کا تھا۔ گھر پر آیا تو میں نے مارے شفقت کے اسے سینے سے لگا لیا۔ معانقہ کرتے ہوئے وہ بچہ میری پیٹھ تھپتھپا رہا تھا، جیسے ہمارے معاشروں میں بزرگ اپنے خوردوں کی کمر تھپتھپاتے ہیں۔ وہ بچہ یہیں پیدا ہوا تھا۔ یہیں پلا بڑھا۔ یہیں اس نے تعلیم حاصل کی۔ یہ طرز یہاں کے بچوں کاہے۔ یعنی اگر ان کا کوئی بزرگ محبت شفقت سے ان کی کمر تھپتھپائے تو قانون مساوات کی رو سے ان کا بھی حق ہے کہ وہ اپنے بزرگوں کی کمر تھپتھپائیں۔ اور یہ بچے بے تکلف اپنا یہ حق استعمال کرتے ہیں۔
میرے بیٹے کے ایک دوست ایک بار اپنے بیوی بچوں کے ساتھ ملنے کے لئے آئے۔ اپنے آٹھ سالہ بچے سے انہوں نے کہا، بیٹا انکل کو سلام کرو۔ اب یہ انکل میرا بیٹا بھی تھا اور میں بھی تھا۔ یعنی بچے کے لئے برابر کے درجے کے دو فرد۔ فرماں بردار بچے نے نہ صرف سلام کیا بلکہ مصافحہ بھی کیا۔ جب بچہ اپنے کھیل میں لگ گیا تو میں نے اس کے والد سے کہا کہ جو بچے آج اپنے بڑوں سے مصافحہ کر رہے ہیں وہ اپنے بڑو ں کو اپنے برابر کا تسلیم کر چکے ہیں اور ان سے کوئی بات سیکھنے کی ضرورت محسوس نہیں کریں گے۔ کیونکہ اگر میں کسی بچہ کو کچھ سکھا سکتا ہوں تو اس بچہ کے ذہن میں یہ تصور راسخ ہے کہ وہ بھی مجھے کچھ سکھا سکتا ہے۔
ان میں سے بہت سی باتیں میں نے یہیں آ کر جانی ہیں اور کچھ یہاں کے بچوں نے بھی سکھائی ہیں۔ سیلا ب تیزی سے ایشا اور افریقہ کے نشیبوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ابھی پشتے بنانے کا وقت ہے۔ ورنہ وہ تو ہونا ہے جو یہاں ہو رہا ہے۔ اور اس قسم کا جوکچھ یہاں ہو رہا ہے وہ نہ یہاں کی ترقی ہے اور یہاں کی ترقی کا سبب۔ اصل بات یہی ہے سمجھنے کی۔
محمد طارق غازی ٭ آٹوا، کینڈا ٭ جمعرات ۲۱ مئی ۲۰۰۹

۰۰۲۶ / نظر
جمعہ ۵ جون ۲۰۰۹ ء
نُکتَگُو
محمد طارق غازی
نکتہ
عہد موجود کے فکری مسائل میں ایک اہم مسئلہ معیار نظر سے محرومی بھی ہے۔ یہ کمی یا کجی ہماری انفرادی و اجتماعی زندگی میں ( پورے طور پر) سرایت کر چکی ہے۔۔۔۔ گزشتہ چند سال (سالوں )سے ابلاغیہ میں ( ذرائع ابلاغ پر) جس معیار و اسلوب کے (حامل) ڈرامے، تفریحی پروگرام، اور میوزک شوز پیش کئے جا رہے ہیں انہیں دیکھ کر مکمل ادبی و فکری زوال کی(کے لئے ) پیش گوئی( میں بظاہرکوئی) مشکل (حائل) نہیں۔ ایک طائفہ فن کے نام پرلایعنیت کو فروغ دے رہا ہے۔ ایک گروہ بے ہنگم شور موسیقی اور قاعدے ضابطے سے عاری مہملات کے مجموعوں کو نغمے قرار دینے پر مصر ہے، اور ایک ہجوم ہے کہ اپنے بھاری جوتوں سے (کے ساتھ) ادب کے سبزہ زار کو روند(تا ہوا فاتحانہ گرزتا چلاجا)رہا ہے۔ یہ سب شائد اس قدر اذیتناک اور پریشان کن نہ ہوتا اگراس کے اطراف لاکھوں کروڑوں لہراتے بازووں اور مسرت آمیز سرمستی سے چیختے انسانوں کے نعرہ ہائے تحسین(ومرحبا کا مضبوط حصار قائم نہ ہو جاتا ) نہ ہوتے۔۔۔۔
- عتیق احمد جیلانی
شعبۂ اردو، سندھ یونیورسٹی، پاکستان
اداریہ، دستک، سہ ماہی برقونی مجلہ، شمارہ ۸، دستک-اردو دنیا۔ کوم
اوپر کی عبارت میں روانی کی خاطر قوسین میں الفاظ حذف کردہ یا تبدیل کردہ ہیں
گفتہ
اس مختصر تحریرمیں سب سے اہم اس کاپہلا جملہ ہے۔ سچی بات یہ ہے کہ اس دور کے پاس نظر ہی تونہیں۔ معیار نظر کا سوال تو اس کے بعد آتا ہے۔ اور نظر نہ ہونے کا ایک بڑا سبب یہ ہے کہ انسان عالم افکار و شعور سے نکل کرلایعنیت، بے ہنگامی اور مہملات میں مبتلا ہو گیا ہے۔ بات صرف فنون لطیفہ میں لا یعنیت، شور و غوغا والی موسیقی، مہمل شعریات اور بے تہذیب ادبیات کی نہیں۔ اس سے بہت زیادہ کی ہے۔ بات یہ کہ احوال زمانہ میں تغیر پر غور و فکر کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے اور ان تغیرات کو بعینہ، بلا تنقید و تبصرہ قبول کرنے کا رجحان عام ہو گیا ہے۔ اس کے کئی اسباب ہیں۔ ان میں سے کچھ اسباب پر مختصر گفتگو مناسب ہے۔
تہذیب اور تمدن دونوں الٹا درخت ہوتے ہیں۔ ان کی جڑیں معاشرہ کے بالا طبقہ میں ہوتی ہیں۔ وہیں سے وہ عمل اور مزاج طے ہوتا ہے جسے عوام قبول کرتے ہیں۔ عربی کا ایک مقولہ ہے : الناس علیٰ دین ملوکہم: عوام اپنے حکمرانوں کے طریقے پر چلتے ہیں۔ تو بات ایک حکایت سے شروع کریں، جو کسی زمانے میں ابتدائی درسی کتابوں کا لازمی حصہ ہوتی تھی۔ اب متروک ہے۔
کسی ملک میں ایک بڑا زبردست بادشاہ تھا۔ وہ بہت دین دار، عوام پرور، انصاف پسند حکمراں تھا۔ اس کی بادشاہت میں شیر بکری ایک گھاٹ پانی پیتے تھے۔ ساری رعایا اس کی عدل گستری کے گن کاتی تھی۔ ایک دن وہ اپنے مصاحبین کے ساتھ شکار پر نکلا اور ایک ہرن کا پیچھا کرتے ہوئے مصاحبوں سے بچھڑ گیا۔ ہرن تو بھاگ گیا۔ بادشاہ تھکا ماندہ اور پیاسا تھا۔ چلتے چلتے اسے ایک باغ دکھائی دیا۔ پانی کی تلاش میں وہ باغ کے اندر گیا۔ وہاں ایک بوڑھا مالی کام کر رہا تھا، جو بادشاہ کو پہچانتا نہ تھا۔ صاحب سلامت کے بعدبادشاہ کے سوال پر بوڑھے نے بتایا کہ وہ خود باغ کا مالک ہے اور اس کی آمدنی سے اپنے کنبے کی پال پرورش کرتا ہے۔ بادشاہ نے مالی سے پانی مانگا۔ مالی نے سامنے کے درخت سے ایک بڑا سا انار توڑا، جھٹ پٹ اس کا رس نکال کر بادشاہ کو پیش کیا۔ پیالہ چھلک رہا تھا۔ بادشاہ نے ایک گھونٹ پیا تو انار نہایت شیریں اور شاداب تھا۔ انار کا رس پیتے ہوئے بادشاہ کو خیال ہوا کہ اتنے عمدہ پھلوں والا باغ تو اس کی ملکیت ہوتا۔ پیالہ خالی ہوا تو بادشاہ مالی سے اور ایک پیالہ رس مانگا کہ اس کی پیاس ابھی بجھی نہ تھی۔ مالی نے اس بار زیادہ بڑا انار توڑا۔ مگر اب کے جو نچوڑا تو اس بڑے انار سے رس کم نکلا۔ بادشاہ نے رس پیا تو پہلے انار کا سا مزا تھا نہ مٹھاس۔ پھل تو دونوں ایک ہی درخت کے تھے۔ بادشاہ نے اس فرق کی وجہ پوچھی تو مالی نے سادگی سے کہا، اللہ کی پناہ، لگتا ہے ہمارے بادشاہ کی نیت میں فتور آ گیا ہے۔ پہلے پیالے کے وقت بادشاہ کی نیت ٹھیک تھی تو پھل میں خیر برکت تھی۔ اب وہ خیر برکت اٹھ گئی۔ بادشاہ کو فوراً اپنی بد نیتی کا احساس ہوا۔ اس نے دل ہی دل میں توبہ کی۔ پھر تیسرا پیالہ مانگا۔ تو اب کی بار نسبتاً ایک چھوٹا انار مالی نے توڑا اور ر رس نچوڑا تو پیالہ پھر لبالب بھر گیا۔ مالی نے اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ لگتا ہے بادشاہ کی نیت پھر بخیر ہو گئی۔ فصل میں برکت لوٹ آئی۔
ہر بات کے لئے عقلی دلیل اور کتاب کا حوالہ اور تاریخی ثبوت مانگنے والوں کو تویہ حکایت لطف دے گی نہ سبق، لیکن اس کا عمرانی اور معاشرتی ماحصل یہ ہے کہ حکمرانی کو جب تک اللہ کی دی ہوئی ایک امانت کے طور پر استعمال کیا جائے گا ملک و قوم ترقی اور ترفہ کی راہ پر گامزن رہیں گے، د نیا میں عزت اور وقار بلند رہے گا اور کسی کو ٹیڑھی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ ہو گی۔ اور جب حکمراں بد فعل، بد معاش، بد نیت، بد اخلاق، بد طینت، بد تہذیب، بد عادت ہو جائیں گے تو ملک و قوم پر ادبار کی گھٹا چھا جائے گی، دنیا میں ذلت و خواری ان کا مقدر ہو جائے گی، دشمن چار سوسے یورش کریں گے اور پھلتے پھولتے ملک کو تاخت و تاراج کر ڈالیں گے۔ اور سلطنت میں کوئی نہ ہو گا جو آنے والے اس خطرے کو دیکھ سکے اور اس کی نشان دہی کر سکے۔
یہ تو ایک پہلو ہوا۔ دوسرا پہلو یہ ہے کہ جب حکمراں بد قماش ہوں گے تو عوام انہی کے نقش قدم پر چلیں گے اور سارا معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہو جائے گا۔ نہ عدل و انصاف باقی رہے گا، نہ تول اور وزن میں اعتدال، نہ قول و فعل میں یکرنگی، نہ فکر و شعور میں بالیدگی اور بلندی۔ تب شہروں میں شہدے، اوباش، لچے لفنگے دندناتے پھرتے ہیں۔ شریفوں کو عزت سنبھالنی مشکل ہو جاتی ہے اور کسی کی سفید پوشی کا بھرم باقی نہیں رہتا۔ اور پھر کویہ نہ ہو گا جو اس بگاڑ کو دیکھ سکے۔
اب اس معیار پر ہم خود کو، اپنے معاشروں اور حکمرانوں کو آنک لیں اور خود فیصلہ کر لیں کہ بگاڑ کہاں ہے۔ عمرانی اصول پھر یہ ہے کہ تبدیلی کا سر آغاز اہل علم، ارباب فکر اور علماء ہوتے ہیں۔ اور جب بد قماشی پر مصر ایک معاشرہ ان مفکرین اور علماء کی اہانت کرنے لگے اور تمسخر اڑانے لگے تو جان لو کہ یہ گروہ اصلاح کا کام کر رہا ہے اور معاشرہ پر موثر ہو رہا ہے۔ یہ لوگ اس لئے فعال ہوتے ہیں کہ یہ وہ سب کچھ دیکھ سکتے ہیں جو کچھ دوسرے دیکھنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ اور اگر علماء اور مفکرین کا کہیں کوئی ذکرنہیں تو پھر گھر کے دروازے بند کر کے توبہ استغفار کرو کہ معاشرہ میں برائی کو دیکھنے والا کوئی نہ رہا، نہ بھلی بات کرنے والا کوئی موجود ہے۔ توتباہی کسی وقت بھی آ سکتی ہے۔
بات کاتیسرا پہلو عہد جدید کے زعم آگہی کاہے۔ آگہی اور زعم آگہی میں بڑا فرق ہے۔ بے علمی قابل معافی ہے۔ استحصال علمی، قوت ہو تو، قابل گردن زدنی ہے۔ انسانی تاریخ میں ایسے بہت سے دور آئے ہیں جب اول تو علم کو گرا کراسے معلومات کے درجہ پر لایا گیا، پھر معلومات کی تحقیر کر کے اساطیر میں ڈھالا گیا اور اساطیرکی مغالطہ آمیزی سے گمراہی کے راستے کھولے گئے۔
ہمارا زمانہ ایسی مغالطہ بازیوں سے پاک نہیں۔ اس میں شک نہیں کہ اس دور میں معلومات کا ایک طوفان آیا ہوا ہے۔ لیکن یہ معلومات عموماً سطحی ہیں۔ ان سے مثبت فکر کا عنصر خارج ہے۔ مگر جن کے پاس یہ سطحی معلومات ہیں وہ ہر معاملہ میں رائے رکھنے اور اس کے اظہار پر اصرار کرتے ہیں۔ قیادت بھی ایسوں ہی کے ہاتھ میں ہے۔ یہ اس عقل کی دین ہیں جن کی مذمت کم از کم اردو میں اہل صفا اور ارباب ادب مل کر کرتے آئے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ جس کی مذمت ہوتی ہے وہ عقل نہیں، مجنونانہ کج روی پر انسانوں کا غرور ہوتا ہے۔ اس نوعیت کی بات بے عقلی کی دلیل ہوتی ہے، اسے عقل کہنا درست نہیں۔ عقل وہ پسندیدہ انسانی صفت ہے جس سے استفادہ کی ہدایت قرآن حکیم میں ۵۰ آیات میں آئی ہے۔ خیر یہ ایک مستقل موضوع ہے جو افراط تفریط کا شکار ہو گیا۔ یہاں بات اس گرمی دماغ کی ہے جس نے ڈیڑھ سو سال پہلے انسانی تہذیب کو شرافت اور کرامت کے مقام سے گرا کر بہائم کی سطح پر پہنچانے کے عمل کا آغاز کیا تھا۔ اور جس کی لپیٹ میں تقریباًسارا تعلیم یافتہ طبقہ ہے۔ اس طبقہ میں کسی موضوع پر کچھ معلومات اور تھوڑا بہت علم تو ہے مگرتمیز کرنے والی آنکھ نہیں ہے۔
انیسویں صدی میں یورپ نے تین شخص پیدا کئے جنہوں نے ۴۶ کی قلیل مدت میں صدیوں کی انسانی محنت کوغارت کر دیا۔ یہ تھے : انگلستان کاچارلس ڈارون (۱۸۸۲-۱۸۰۹)، پروشیا اور انگلستان کا کارل مارکس(۱۸۸۳-۱۸۱۸) اور آسٹریا کا سگمنڈ فرائڈ(۱۸۵۶-۱۹۳۹)۔ یہ تینوں صنعتی انقلاب کی لائی ہوئی مجرد مادیت کا نتیجہ تھے اور ان تینوں کی ژولیدہ سوچ پر مابعدصنعتی انقلاب تہذیب کی بنیاد رکھی گئی۔ ڈارون کی کتاب اصول انواع Origin of Species۱۸۵۹ میں شائع ہوئی۔ اس کے آٹھ سال بعد ۱۸۶۷ میں مارکس کی کتاب سرمایہDas Kapital جرمن زبان میں چھپی۔ فرائڈ نے تشریح خوابThe Interpretation Of Dreams ۱۸۹۹ میں اور ۱۹۰۵ میں نظریہ صنف پر تین مقالے Drei Abhandlungen zur Sexualtheorie شائع کی۔ ان چار کتابوں نے آج کے انسان کا مزاج یوں بدل دیا کہ کبھی ایسا نہ تھا۔ ایک ایک جملے میں بات کی جائے تو ڈارون نے کہا انسان فقط جانور ہے۔ مارکس نے کہا انسان محض اقتصادی جانور ہے اور فرائڈ نے کہا انسان جبلی جانور ہے۔
ان تصورات نے سب سے پہلے یہ طے کیا کہ نوع انسان کی اصل پہچان ان کی جانوریت ہے۔ اس سے انسانی دماغ نے بہیمیت کا جواز پایا۔ چنانچہ ۱۹۰۵ کے بعد یورپ اور باقی دنیا میں جو جنگیں لڑی گئیں ان میں جس وحشت اور درندگی کا مظاہرہ بظاہر مہذب انسانوں نے کیا وہ اسی تازہ مزاج کی کاریگری تھی۔ اس وحشت اور درندگی کی کوئی مثال پوری انسانی تاریخ میں نہیں ملتی سوائے عہد چنگیز وہلاکو کے، اگرچہ ان کے سامنے منگول مظالم کی حیثیت وہی ہے جو چیتے کی چیر پھاڑ کے مقابلہ میں چیونٹی کے کاٹنے کی ہے۔ مگر پھر چنگیز اور ہلاکو کو نہ تو کبھی تہذیب و شرافت کا نمائندہ تسلیم کیا گیا اور نہ ہی انہوں نے خود ایسا کوئی دعویٰ کیا تھا۔ اس کے برعکس جتنا انسانی خون فرائڈ کی کتاب کی اشاعت کے بعد سے اب ۲۰۰۹ تک بہایا چا چکاہے اس کے پیچھے تمام دلیلیں ایک خاص تہذیب، طرزسیاست اور چند جامد اقدارکے دفاع اور بقا کی لائی جاتی ہیں۔ میں یہاں اس بہیمیت کے اظہار کی تفصیل میں نہیں جاوں گا۔ جن کو دلچسپی ہو وہ نکتگو۰۰۱۸/ ہرج، جمعہ ۱۰ اپریل ۲۰۰۹ پر ایک نظر ڈال لیں۔
بات اس ذہنی، فکری، تدریسی، ثقافتی اور معاشرتی تبدیلی کی ہے جوعہد حاضر کے ان تین یورپی اشخاص کی چار کتابوں کے نتیجہ میں بلا تنقید و تبصرہ آ گئی۔ ظاہر ہے جب یہ طے ہو گیا کہ انسان حیوان محض ہے تو اس کے لئے حیوانوں کی سی زندگی گزارنے میں کیا امر مانع رہ گیا۔ تاہم انسانی معاشرے نے علی العموم جو پہلو نظر انداز کیا وہ یہ کہ حیوانوں کی تمام انواع میں ایک قدر مشترک ہے :وہ ایک بندھے ٹکے فطری نظم کے مطابق بے مقصد زندگی گزار تے ہیں۔ ہر قسم کے جانور کی زندگی کے تین محور ہیں جو عقلی اور اکتسابی نہیں جبلی اور فطری ہیں : اول:بھوک لگے تو کچھ کھا لینا اور اس کے لئے محنت، جد و جہد کرنا، خواہ وہ کسی دوسرے جانور کو پکڑ کر چیر ڈالنا ہو یا گھاس پھوس، دانے دنکے کی تلاش۔ دوئم: کھانے کے بعد آرام کرنا، کھوہ، بھٹ، درخت کی ڈال، یا فرش زمین پر کہیں بھی پڑکر یا بیٹھ کر سو جانا۔ اس مقصد کے لئے کوئی جانور تکلفات میں نہیں پڑتا۔ سوئم: بقائے نسل کی فطری ضرورت کے لئے موسم کے مطابق صنفی عمل سے گزرنا۔
اگرچہ ڈارونی خیال کے لوگ کم از کم چمپانزی بندروں اور ڈولفن مچھلیوں میں انسانی عادات کی تلاش کی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں، لیکن عام مشاہدہ ہے کہ کسی بھی جانور نے کوئی تہذیب و تمدن، تعلیم و تدریس، لباس اور آسائش وآرائش کاسامان مہیا کرنے کا کوئی اہتمام کبھی نہیں کیا، اور اس میں چمپانزی بندر اور ڈولفن مچھلیاں برابرکی شریک ہیں۔ چیونٹی اور شہد کی مکھی کے ہاں بے شک ایک سماجی نظام کا پتہ ملتا ہے مگر وہ نمل و نحل کے ہرقبیلے کے پاس یکساں ہے اور صدیوں میں اس کے اندر ارتقا ہوا ہے نہ انحطاط آیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ وہ سماجی نظام بھی ان دونوں بہت کمترحیوانی انواع میں فطری ہے، اکتسابی اور ارتقائی نہیں۔ جانوروں کے پاس کسی قسم کے فنو ن عامہ اور فنون لطیفہ کا سراغ بھی نہیں ملتا۔ انسان کے برعکس ہر قسم کے حیوانات کی زبان نہایت محدود، گنتی کی چند آوازوں پر مشتمل ہے (حوالہ: نکتگو ۰۰۲۰ /نطق - ۲۴ اپریل ۲۰۰۹)
یہاں قدرتی طور پر سوال پیدا ہوتا ہے کہ فرق کہاں پڑا؟
مشرق کی بات کرو تو بہت سے ان مشرقیوں کو بھی ناگواری ہوتی ہے جو ایمان لائے بیٹھے ہیں اپنے اجداد کی پسماندگی، جہالت، بے عملی، بے عقلی پر۔ لیکن بات ہو گی تو مشرق کا ذکر تو بہر حال آئے گا۔ مگر اس سے پہلے وکٹوریائی انگلستان پر ایک اجمالی نظر ڈال لی جائے، صرف یہ جاننے کے لئے کہ بس ڈیڑھ صدی پہلے خود مغرب کی صورت حال کیا تھی۔ جن تین افراد پر یہ گفتگو مرکوز ہے ان سب کا تعلق وکٹوریائی عہد سے تھا جس میں انگلستانی تہذیب اور شرافت بجائے خود معیاری تھی۔ اس زمانے میں مسہری کے پایوں کو بھی پاجامہ پہنا دیا جاتا تھا کہ پنڈلیوں کی طرز کے پایوں کا کھلا رہنا معیوب تھا۔ وکٹوریا کا لباس نہ صرف سارے بدن کو ڈھانپے رہتا تھا بلکہ اس دور کے مشرق کی طرح انگلستان اور تازہ نوآبادی امریکہ میں بھی کسی مرد سے زنانہ لباس سلوانا حیا کے خلاف تھا۔
یہ سطحی باتیں ہیں، اگرچہ ان کے مقابلہ میں موجودہ معاشرتی مزاج کا ایک اندازہ ضرور قائم ہوتا ہے۔ اصل فرق کہیں اور پڑا تھا۔
اٹھارویں اور کسی حد تک انیسویں صدی میں بھی مشرقی اور مغربی معاشرے جس نہج پر زندگی گزار رہے تھے وہ بہت سے اختلافات کے باوجود خاصی یک منزل تھی۔ ہزاروں سال سے انسان کا ایک ہی طریق تھا، اگرچہ بعض خطوں میں تہذیب کا رخ مختلف بھی تھا، مگر ایسی قوموں کی تعداد کم تھی۔ میں اس میں اتنا اضافہ کرتا ہوں کہ اس طرز زندگی کو اسلام نے قانون بند کر دیا تھا اور یوں پہلی صدی ہجری میں ہزاروں سال کے انسانی تہذیبی ورثہ کو دستوری درجہ دیا تھا۔ انیسویں صدی کے وسط سے بیسویں صدی کے آغاز تک شائع ہونے والی ڈارون، مارکس اور فرائڈ کی چار تحریروں میں اسی دستورتہذیب پر ضرب پڑی تھی۔
ان کتابوں کی اشاعت سے پہلے انسانی معاشرہ کا عام مزاج بہت متعین تھا
٭معاشی امور میں فرد کی سطح پر قناعت اور توکل، اجتماعیت میں انفاق و خیرات اور مستقبل کے لئے بچت کے اصول رائج تھے۔
٭نفسیاتی اعتبار سے انفرادی سطح پر عزت نفس، اجتماعی سطح پر مکرمت انسان(وَلَقَد کَرَّمنَا بَنِی آدَم - قرآن حکیم: سورہ بنی اسرائیل ۱۷:۷۰) اور مستقبل کے نقطۂ نظر سے تحفظ نسل موثر امور تھے۔
٭طبیعت کی رو سے انفرادی سطح پر ہر قسم کی نعمتوں پر شکر اور احسان مندی دیگر انسانوں کی بھی اور خالق کائنات کی بھی، اجتماعی طور پر موانست اور ہمدردی اور مستقبل کی خاطر غور و تفکر اور ارتقائی نیز تہذیبی منصوبہ سازی۔ یہیں وہ نظر پیدا ہوتی تھی جو تاریخ کے تمام ادوار اور وقت کے تینوں زمانوں میں دیکھ سکتی تھی۔
یہ، انسانی مزاجی کیفیات کم و بیش یکساں تھیں ہر قوم اور ہر خطہ میں اور انہی کی کمی بیشی پر قوموں کے عروج و زوال کو آنکا جاتا تھا۔
بیسویں صدی شروع ہوئی تو یہی نظام مکمل طور پر درہم برہم ہوا۔ اور ان کی جگہ جو کچھ رائج ہوا ہے وہ انفرادی سطح پر ہوس و حرص، اجتماعی سطح پر بدنگاہی اور بد نیتی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ اطمینان قلب ختم ہو گیا اور ، گھبراہٹ اور دل بیٹھنا، ہر وقت خطرہ کا احساس اور تشنج کی حد تک جسمانی اور مادی دفاع کا جتن، ناقابل تسلی جسمانی بھوک اور اس کی تکمیل کے لئے حیوانوں سے بھی زیادہ شدیدگردن کش جد و جہد جس کا کوئی انت نہیں۔ اور اس دوڑ بھاگ میں شہر شہر قریہ قریہ غلاظت اور گندگی کے پہاڑ ایسے ڈھیرجو کھربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود صاف ہوتے نہیں اور معاشرہ میں نت نئے امراض کی پیداوار کا باعث بن رہے ہیں۔ اور غلاظت کے یہ انبار اور یہ امراض بجائے خود انسانوں کو اسی مال و زر کے اندھی دوڑ میں اور زیادہ مبتلا کر رہے ہیں۔
اس صورت حال میں جو شے مکمل طور پر متاثر ہوئی ہے وہ نظر ہے۔
گرد باقی ہے تمنائے سفر ہی نہ رہی بات تو ساری نظر کی ہے، نظر ہی نہ رہی
نظر بہت ہمہ گیر انسانی صفت ہے۔ عام نظر تو وہی ہے جس سے ہم آپ سامنے کی چیز کو دیکھتے ہیں۔ یہ مادی بصارت کا جوہر ہے جو انسانوں ہی کو نہیں بہائم کو بھی عطا ہوا ہے۔ اس لئے یہ بہت سطحی ہے اور قابل ذکر نہیں، بس قابل شکر ہے۔ گہرائی اور وسعت رکھنے والی دوسری نظر کی ایک تعریف تصوف میں آتی ہے جو عرفان کی شرط ہے، خواہ وہ اپنی ذات کا ہو یا وجود مطلق کا اس کا دوسرا پہلو خود ذات باری تعالیٰ کی نگاہ کرم کا بھی ہے۔ اسی راہ سے یہ عالم و صوفی شعرا کے ہاں اس نظر کا استعمال عام ہے۔ اس نظر کا ایک پہلو یہ ہے کہ جن بندوں پر اللہ احسان کرتا ہے انہیں زمانوں میں دیکھنے کی سعادت اور صلاحیت بخش دیتا ہے۔ اس کی ایک مثال یاد آئی۔ والد صاحب، مولانا حامد الانصاری غازی، ۱۹۷۸ میں حج کے لئے آئے ہوئے تھے۔ جدہ میں ایک صاحب نے انہیں تقریر کے لئے مدعو کیا۔ تقریر تو کسی اور کی تھی، مگر ان کی علالت کے باعث میری درخواست پر والد صاحب اس روز تقریر کرنے پر آمادہ ہو گئے تھے۔ اپنی تقریر میں انہوں نے ایک جملہ کہا، جو وہ اکثر کہا کرتے تھے : آنے والی(پندرہویں یا اکیسویں ) صدی مسلمانوں کی صدی ہے۔ جلسہ ختم ہوا۔ تو ایک صاحب نے جلسہ کے ایک داعی مولانا عبد الرحمٰن سے پوچھا کہ علم غیب تو اللہ کے سوا کسی کے پاس نہیں۔ تو کوئی انسان بڑے وثوق سے کیسے کہہ سکتا ہے کہ آنے والے وقت میں کیا ہو گا۔ مولانا عبد الرحمٰن دارالعلوم مظاہر العلوم، سہارنپور، کے فارغ التحصیل اور حکیم الاسلام مولانا محمد طیب کے خلیفۂ مجاز تھے۔ انہوں نے فرمایا کہ یہ علم اللہ کے علم غیب سے مقابلہ نہیں ہے۔ مگر اللہ کے بعض منتخب بندوں میں مطالعہ کی کثرت، مشاہدہ کی وسعت اور تجزیہ کی صلاحیت کے باعث فراست ایمانی کی وہ استعداد پیدا ہو جاتی ہے کہ انہیں مستقبل کی ایک صورت نظر آنے لگتی ہے۔ اسی تفصیل کوایک لفظ میں مولانا غازی تاریخی شعور سے تعبیر کیا کرتے تھے (تفصیلی حوالہ : نکتگو ۰۰۲۳ / شعور - جمعہ ۱۵ مئی ۲۰۰۹)
یہ استعدادڈگریوں سے پیدا نہیں ہوتی، نہ محض مطالعہ اس کی ضمانت ہوتا ہے۔ نہ فقط صغریٰ کبریٰ کی بنیاد پر فیصلہ صادر کر دینے سے یہ صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ ورنہ ہر فلسفی اور ہر اخباری تجزیہ نگار اور ہروہ شخص جو ایک روپے کا قلم یا ایک ہزار روپے کا کمپیوٹر خرید کرکچھ لکھنے کی استعداد کا مظاہرہ کر سکتا ہے اس نظر کا دعوے دار بن جاتا۔ یہ موضوع الگ سے ذرا تفصیل کا تقاضہ کرتا ہے۔ یہاں ساری گفتگو کا ماحصل یہ ہے کہ اس نظر کی بنیادی شرط ایمان ہے۔ اور یہ ایمان خود اعلی درجہ کا ہونا شرط ہے۔ ایمان کا ایک درجہ رسول اللہ ﷺ کے ایمان کا تھا۔ ایک درجہ صحابہ رضوان اللہ تعالیٰ اجمعین کے ایمان کا، اور ایک ہم جیسے نا اہلوں کا۔ تو ظاہر ہے میرا ایمان تو سند ہے اور نہ ضمانت اس نظر کی۔ البتہ آج بھی دنیا میں اونچے درجہ کا ایمان رکھنے والے افراد موجود ہیں، جن کے پاس وہ نظر ہے جو معاشرہ میں ناپید ہو چکی ہے۔
یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ اس نظر کو کیوں ختم کر دیا گیا اور اس سے نفرت کیوں پیدا کر دی گئی۔ ہاں اس دور میں جو کچھ ہو رہا ہے اگر اس پر دل بوجھ محسوس کرتا ہے تو اسی راکھ میں نگاہ کی چنگاری کہیں موجود ملے گی۔

محمد طارق غازی ٭ آٹوا، کینڈا ٭ جمعہ ۵ جون ۲۰۰۹

۰۰۲۷ / راہ عمل
جمعہ ۱۲ جون ۲۰۰۹ ء
نُکتَگُو
محمد طارق غازی

نکتہ
مسلم معاشروں کو درپیش چند در چند مسائل کی فہرست ہم مرتب کر چکے ہیں اور مسلمانوں کی تہہ بہ تہہ اور سنگین خامیوں پرتفصیلی بحث بھی ہو چکی ہے۔ تاہم صورت حال بہت خراب نہیں ہے۔ مستقبل میں امید کا اجالا ہے۔ کچھ ایسے مثبت پہلو بھی ہوں گے جو مسلم معاشروں اور لوگوں میں خلقی طور پر پائے جاتے ہیں، جن کی وجہ سے ان کا اجتماعی وجود ایک مدت سے برقرار ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ انہی فطری اوصاف نے انہیں بارہا بد ترین تباہیوں، قتل و غارت گری کے بعد از سر نو ابھرنے کے لئے سہارا دیا ہے۔ تو اس بار ایسا کیوں نہیں ہو سکتا۔
- مصباح اسلام
مسلم ریاستوں اور معاشروں کا انحطاط، ۲۰۰۸، ص ۱۸۹(آزاد اردو ترجمہ: م ط غ)
Dr Misbah Islam, Decline of Muslim States and Societies
گفتہ
موضوع تو وہی پرانا ہے۔ لیکن پھر رات کے اندھیرے میں صبح کی بات تاریکی کو ناگوار ہو تو اس کی شکایت کیا۔ اور اس کی بھی کیا شکایت کہ اندھیروں سے بیزار لوگوں کو یہی ایک رٹ کیوں رہ گئی کہ
سحر، سحر، ارے توبہ، سحر نہیں ہوتی
ڈاکٹر مصباح اسلام اندھیرے سے ملول ایسے ہی شخص ہیں۔ اور انہوں نے برسوں محنت کر کے سو سے زائد اندھیرے دریافت کئے ہیں جن سے امت مسلمہ پچھلے نصف ہزارے سے نبرد آزما ہے۔
مصباح اسلام ویسے تو آٹوا یونیورسٹی میں کمپیوٹر سائنس پڑھاتے ہیں، مگر عمر گزری ہے یہاں آٹوا میں ملی اجتماعی کاموں میں۔ ان کی اہلیہ بھی اجتماعی فلاح کے کاموں کے لئے زندگی وقف کئے ہوئے ہیں۔ ساری زندگی کے عملی کام کا ماحصل ان کی۴۷۴ صفحے کی محولہ بالاکتاب ہے۔ اس کتاب میں انہوں فقط زوال کا رونا نہیں رویا، بلکہ اپنے اختصاص علمی کو تاریخ اسلامی سے جوڑ کر سائنسی نتائج دریافت کئے۔ ان کی تحقیق کی رو سے تقریباً ۱۰۰ خامیاں مسلم معاشروں کے مسلسل انحطاط اور زوال کا باعث ہیں اور ان میں سے کم از کم ۳۱ کمزوریاں وہ ہیں جن کی اصلاح پر مسلم قومیں، معاشرے اور گروہ اقدامی کارروائی کر سکتے ہیں۔ مسئلہ ہے کام کیسے اور کہاں سے شروع کریں۔ اس سلسلہ میں مولانا حسین احمد مدنیؒسے کچھ رہنمائی ملتی ہے۔
ایک بار مولاناؒ ٹرین سے سفر کر رہے تھے۔ سامنے والی نشست پر ایک بڑے شائستہ اور نستعلیق سوٹ بوٹ صاحب تشریف فرما تھے۔ کچھ ابتدائی بات ہوئی مگر سوٹ صاحب کو مولوی صاحب بڑے دقیانوسی اور قوم کی پسماندگی کی دلیل نظر آئے۔ چنانچہ بات چیت زیادہ آگے نہ بڑھی۔ کچھ دیر بعد سوٹ صاحب کو بیت الخلا کی حاجت ہوئی۔ مگر بیت الخلا کا دروازہ کھولتے ہی انہوں نے ناک پر رومال رکھ لیا اور جھٹ سے دروازہ بند کر کے واپس اپنی نشست پر آبیٹھے۔ بیت الخلا میں کسی بے ہودہ شخص نے سارے میں غلاظت پھیلا دی تھی۔ واقعی کوئی نفاست پسند شخص وہاں ناک نہیں دے سکتا تھا۔ سوٹ صاحب کی ضرورت شدید ہوئی تو وہ پھر اٹھے، مگر دوبارہ اندر جانے کی ہمت نہ کر سکے اور واپس آ گئے۔ ایسا تین چار بار ہوا۔ اب مولانا حسین احمداٹھے۔ لوٹا ہاتھ میں لیا اور بلا جھجک بیت الخلا میں داخل ہوکر دروازہ اندر سے بند کر لیا۔ سوٹ صاحب نے ایک مولوی کی اس بے حسی پر ناک منہ بنایا۔ انہیں یوں بھی کسی مولوی سے تہذیب تمیز کی امید نہیں تھی۔
دس پندرہ منٹ بعد مولانا بیت الخلا سے برآمد ہوئے اور سوٹ صاحب سے کہا:
واقعی اندر بے حد غلاظت تھی اور وہاں جانا آپ کی نفاست پسندطبیعت سے بعید تھا، مگر آپ کی سخت ضرورت دیکھ میں نہ رہ سکا۔ میں نے بیت الخلا کو خوب اچھی طرح دھو دیا ہے۔ اب آپ اطمینان سے جا سکتے ہیں۔
تو بات غلاظت کوصاف کرنے کی ہے۔ ملت کے چاروں طرف زوال، انحطاط، نکبت، عیاشی، افلاس، زر اندوزی کی غلاظتوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ ہر شخص تو ناک پر ہاتھ رکھ کر گھر میں جابیٹھتا ہے۔ کوئی توجہ دلائے تو لوگ اس کے سر ہو جاتے ہیں۔ تو زوال و انحطاط کی وہ گندگی صاف کیسے ہو گی۔
ڈکلائن میں مصباح اسلام نے شہر اسلام کے ان محلوں کی نشان دہی کر دی ہے جہاں کام کر نے کی ضرورت ہے۔ مولانا حسین احمد کا انتقال ہوئے ۵۳ برس گزر گئے کہ انہی کو اس کام پر لگاتے۔ اب کرنا ہے تو اپنے سوٹ بوٹ اتار کر یہ کام خود کیجئے، یا یہ دیکھئے کہ کوئی حسین احمداس قسم کے کام میں کہیں لگا ہوا ہے۔ ورنہ شکایتوں کا دفتر بندکر کے اپنے سوٹ کی کریز درست کرتے رہیئے۔
اتنا بڑا کام ہے کہ نہ تو اس کی تکمیل ایک آدمی کے بس میں ہے نہ ایک تنظیم کے۔ پھر بعض کام تو ایسے ہیں کہ بظاہراصلاح کا کوئی امکان دور دور نظر نہیں آتا۔ مثلا کوئی جان کا نہیں تو عقل کادشمن ہی ملکوں کی سیاست میں تبدیلی کی بات کرے گا۔ عفریتوں سے کون مقابلہ کرے گا۔ پھر ان ہی عفریتوں کے نثری، شعری، تقریری قصیدے پڑھ پڑھ کے تو اپنے دینی ملی کاموں کے لئے فنڈ اور اپنے گھروں کے لئے قالین ملتے ہیں۔ معاش کا اونٹ انفرادی کروٹ ہی سیدھا نہیں بیٹھتا، تو اجتماعی کی بات کیسے کریں۔ سماج میں ایک علیم خان فلکی کو تو دس آدمی نہ ملے ایک تنہا حیدرآباد میں جہیز اور جوڑے کی لعنت کے خلاف کام کرنے کے لئے۔ مگر پھر علیم خان بھی گھر بیٹھ رہیں تو اگلے سو سال اور اس عذاب کو جھیلنا پڑے گا۔ اب کم سے کم چوتھی نسل تو امید کر سکتی ہے کہ یہ وبا اس کے زمانے میں مٹ چکی ہو گی۔
ایسا بھی نہیں ہے کہ کام بالکل نہیں ہو رہا۔ اسی بدنصیب قوم کا ایک فرد عبد الستار ایدھی اور اس کی اہلیہ ہیں، جنہیں ان کے وطن میں نیک کام کرنے کی پاداش میں دھمکیاں ملیں۔ مگر وہ مرد مجاہد لگا ہوا ہے اپنے کام میں۔ اسی قوم میں وہ ہزاروں افراد ہیں جو چھوٹے موٹے فلاحی، رفاہی، امدادی اور تعلیمی ادارے چلا رہے ہیں، خواہ وہ سکول ہوں یا دینی مدرسے۔ اور دونوں قسم کے لوگوں کو بہت سی مخالفتوں کاسامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ مسلمان تجارت کی طرف بھی متوجہ ہو رہے ہیں اگرچہ ہندستان میں اس طرف آنے میں انہیں نصف صدی کی تاخیر ہو گئی، اور پاکستان میں صنعتکاروں کویا توسیاسی عدم استحکام سے یا دولت اندوزی سے فرصت نہ ملی کہ اپنا کام کچھ اور آگے بڑھاتے۔ خلیج میں دولت اس بے طرح آئی کہ چاہتے تو پتہ نہیں دنیا میں کیسا انقلاب لے آتے، مگردولت کے ساتھ عقل کہاں آتی ہے۔
مسائلا انباربر انبارہیں۔ ساری دنیا میں سارے مسلمانوں کے مسائل ایک سے بھی نہیں ہیں۔ اکثریتی مسلمانوں کے مسائل جداگانہ ہیں اقلیتی مسلمانوں کے الگ۔ پھر ہر اکثریت اور ہر اقلیت کے مسائل بھی ایک جیسے نہیں۔ اس لئے اس سطح پر تو اجتماعی اصلاح کی بات سوچنا ہی غلط ہے۔ ہاں بہت چھوٹی سطح پر کا م کا آغاز ممکن ہے۔
ایک مثال سامنے ہے۔ آج ۹ جون کے راشٹریہ سہارا اخبار میں ایک خبر - نہایت شرمناک غلط اردو میں - دیکھی کہ اتُر پردیش کے شہر سہارنپور کے تقریبا بیس مسلم محلوں میں غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں۔ اس پر حیرت کیا۔ مایا وتی کی پارٹی کو مسلمانوں نے اس بار ووٹ نہیں دئے تو خاکروب ان کے محلوں میں بھلا کیوں آنے لگے۔ اور ووٹ دے دیتے تو کام نکلنے کے بعد کبھی کوئی خاکروب آیا ہے کیا؟اب تو وہ قوم راجہ ہے۔ تو کام دو ہی طرح ہو سکتا ہے : یا تو مسلمان مولانا حسین احمد کا کر دار ادا کریں اور خود صفائی کر لیں۔ ورنہ پھر کچھ ایسا کام کریں کہ شہر کا ایم پی، ایم ایل اے، میونسپل ممبر خود جھاڑو لے کر ان کی خدمت میں حاضر ہو جائے۔ یہ دوسرا کام ذرا وقت طلب ہے۔ مسلمان تجارت میں آئیں اور ایمان داری کی قسم کھا کر - کم از کم چھوٹی تجارت میں باقی ملک کی طرح وہ بھی ایمان دار نہیں ہیں - اجتماعی تجارتیں شروع کریں۔ درست ہے بہت مشکل کام ہے۔ وہ کام کریں گے تو شہر میں کئی فساد ہوں گے۔ احمد آباد اور سورت کو بلا وجہ تو نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔ مگر پھر یہ تو کچھ نہ کرنے پر بھی ہو رہا ہے۔ تو وہ معاشی صلاحیت پیدا ہو جائے کہ سہارنپور کے باشندے سارے میو نسپل ٹیکس ادا کرنے لگیں، اور شہر کی ہرسیاسی پارٹی کو چندہ دیتے ہوں۔ لگن کے ساتھ کام ہو تو تیس سے پچاس برس میں یہ صلاحیت پیدا ہو سکتی ہے۔ یعنی پچھلے ساٹھ برس سے اگر غلاظت کو برداشت کر رہے ہیں اور پچاس برس اور سہی۔
البتہ معاملہ اتنا سہل نہیں کہ تجارت شروع ہو گئی تو پچاس برس میں سہارنپور کے محلوں سے کچرا صاف ہو جائے گا۔ معاملہ شعور (نکتگو۰۰۲۳ جمعہ۱۵ مئی)، نظر (نکتگو ۰۰۲۶ جمعہ۵ جون) اور منصوبے (نکتگو۰۰۱۲ جمعہ ۲۷ فروری)کاہے۔ دوشنبہ ۱۲ جنوری کو میں نے مستقبل کے عنوان سے نکتگو ۰۰۰۵ میں لکھا تھا: ’’قوموں کی پسماندگی کا سبب بس یہ نہیں ہوتا کہ ان کے پاس جامعاتی تعلیم کا مناسب انتظام نہیں ہے، ڈاکٹروں اور انجنئروں کا فی صدی تناسب گرا ہوا ہے، انسان کش ہتھیار یا آلات تفریح بنانے کے کارخانوں کا فقدان ہے، جنگجو فوجیں، اور مخلص لیڈروں کی کمی ہے، بلکہ یہ ہے کہ ان کے پاس سوچنے والے دماغ اور مستقبل بیں آنکھیں نہیں ہیں۔ مدارس و جامعات میں رسمی تعلیم الگ شے ہے اور وہاں غور وفکر کی صلاحیت پیدا کرنا دوسری بات ہے۔ ‘‘
مصباح اسلام نے کتابی سطح پر سوچنے والے دماغ اور مستقبل بیں آنکھ کی ایک مثال تو قائم کر دی۔ اب اس کام کو عمل کی دنیا میں برپا کرنے کا مرحلہ آتا ہے۔ تو جو بات سامنے آتی ہے وہ یہ کہ کسی بھی نتیجہ خیز مثبت عمل کی تین سطحیں ہوتی ہیں۔
اول ضرورت کا احساس اور اقدام کے امکانات پر غور۔
دوئم نظر جس کا انگریزی ترجمہ وژن کیا جاتا ہے۔
سوئم منصوبہ سازی اور اس پر ان تھک عمل۔
ڈکلائن میں پہلا مرحلہ بڑی حد تک مرتب ہو گیا ہے۔ اب منصوبے کی ضرورت ہے، مگر اس سے پہلے کسی بھی آمادہ بکار شخص یا گروہ کو یہ طے کرنا لازم ہے کہ اس کا میدان عمل کیا ہے۔ مصباح اسلام کی بتائی ہوئی ۳۱ ترجیحات میں سے کونسی شق پر کام کرنا مقصود ہے۔ یہ طے ہو جائے تو منصوبہ درکار ہو گا۔ منصوبہ اس کا نام نہیں کہ انجمن کا نام، اس کے صدر، سکریٹری کا انتخاب، دفتر کی جگہ، ایک کلرک کا انتظام، ٹیلیفون لائن وغیرہ کا بندبست اور دفتری اخرا جات کی فراہمی میں توانائی لگائی جائے۔ منصوبہ کام کا ہوتا ہے۔ منصوبہ چند دن، چند ماہ کا بھی نہیں ہوتا۔ اسے کم از کم سو سال پر محیط ہونا چاہیئے۔ اور ایسا منصوبہ بنانا ہر کس و ناکس کے بس کی بات نہیں۔ یہیں آ کر نظر اور شعور کی ضرورت پڑتی ہے۔ اور اسی مقام پر خالی شعور یا فقط سماجی /عمرانی شعور سے بھی کام نہیں چلتا۔ یہ وہ مرحلہ ہے جو تاریخی شعور کا مطالبہ کرتا ہے، ورنہ اول تو منصوبہ ہی نہیں بن سکتا یا چند برس بعد ہی وہ منصوبہ داخلی تضادات کا شکار ہوکر ختم ہو جاتا ہے۔ ہزاروں اصلاحی، رفاہی، ارتقائی بلکہ تجارتی کوششیں اسی کمزوری کی زد میں آ کر ختم ہوئی ہیں اور ہوتی رہیں گی۔
توپہلا مرحلہ فکر کاہے۔
اس مرحلہ میں یہ احساس کسی ایک فرد یا جماعت میں ہونا چاہیئے کہ معاشرے کو کسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کے ایک بڑے طبقہ میں الحمد للہ یہ احساس پایا جاتا ہے۔ دنیا کے ہر ملک میں، اکثریتی مسلمانوں میں بھی اور اقلیتی مسلمانوں میں بھی، ہر جگہ کم از کم ایک مختصر گروہ ضرور پایا جاتا ہے جس کو یہ احساس ہے کہ ان کے معاشروں کو علاقائی طور پر بھی اور عالمی امت مسلمہ کو اجتماعی طور پر بھی کچھ تبدیلی درکار ہے۔ مگر یہ لوگ نہیں جانتے کہ کس نوعیت کی تبدیلی درکار ہے اور اس کے لئے کیا کرنا چاہیئے۔ جن افراد کو یہ احساس ہے وہ عموماً اور وں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ تبدیلی لے آئیں، یا پھر کہیں غیب سے کوئی شخص اٹھ کر یہ کام کر ڈالے۔
مَردے از غیب بروں آید و کارے بکند
غیب سے کوئی مرد نمودار ہو اور کام کر گزرے
یہ صورت حال دوسرے مرحلہ کی سمت رہنمائی کرتی ہے۔ وہ ہے سنجیدہ تفکر اور غور اور تحقیق کا۔ اکا دکا لوگ اس کام میں بھی ادھر ادھر لگے ہوئے ہیں۔ گزشتہ چوتھائی صدی میں مسلم دنیا میں تین مثبت فکر حکم راں ہوئے ہیں : صدر پاکستان جنرل محمد ضیا ء الحق (۱۶ ستمبر ۱۹۷۸ تا ۱۷ اگست ۱۹۸۸)، وزیر اول ملیشیا محاتر محمد(۱۶ جولائی ۱۹۸۱ تا ۳۱ اکتوبر۲۰۰۳) اور وزیراول ترکی ڈاکٹر نجم الدین اربکان (۲۸ جون ۱۹۹۶ تا ۳۰ جون ۱۹۹۷)۔ ڈاکٹر محاتر محمدنے اپنے دور حکمرانی میں ملی اتحاد کے مسئلے کے مختلف پہلووں کا سنجیدہ جائزہ لیا تھا اور مثبت اقدام کے لئے کچھ سمتوں کی نشان دہی بھی کی تھی۔ ان کا ایک بڑا کام ملیشیا اور باقی دس آسئآن ASEAN ملکوں کو منصوبہ بندترقی کی قیادت مہیا کرنا تھا۔ ان کے تصورکے مطابق ۲۰۲۰ء تک ملیشیا، انڈونیشیا، برونائی، تھائی لینڈ، سنگاپور، فلپائن، کمبوڈیا، لاو، ماینمار، ویت نام ترقی پذیر ملکوں کی سطح سے بلند ہو کر ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں کھڑے ہو جائیں گے۔ اس منصوبے میں پیش رفت کا حال ان دس یا ان میں سے کچھ ملکوں کی معیشت کے جائزوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ترکی کے مرحوم صدرتُرگُت اوزال نے چارپڑوسی ملکوں (ترکی، شام، اردن اور سعودی مملکت) کے مابین بالکل زمینی سطح پراقتصادی تعاون کی ایک تجویز رکھی تھی جسے ماضی گزیدہ پڑوسیوں نے مسترد کر دیا تھا۔ اوزال سے پہلے ترکی کے سابق وزیر اول نجم الدین اربکان نے دس اہم مسلم ملکوں (ترکی، انڈونیشیا، ایران، بنگلہ دیش، پاکستان، سعودی مملکت، قزاخستان، مصر، ملیشیا، نائجیریا) پر مشتمل ایک گروہ کی اقتصادی یکجہتی کے لئے استنبول میں ایک اجتماع بلایا تھا۔ چند ملکوں کی بے اعتنائی کے باعث یہ منصوبہ بھی بہت کامیاب نہیں ہوا؛ تاہم آٹھ ملک انڈونیشیا، ایران، بنگلہ دیش، پاکستان، ترکی، مصر، ملیشیا، نائیجیریا ا ب D-8 یاDeveloping Eight نامی اس تنظیم میں شامل ہیں اگرچہ ان کا اتحاد ابھی سست قدم ہے۔
یہ تفصیل تیسری مراد پر روشنی ڈالتی ہے۔ یہ ہے نظر۔
نظر اور شعور کسے کہتے ہیں یہ لوگوں کی سمجھ میں نہیں آتا۔ شعور کی مختلف سطحوں پرنکتگو کی چھ ماہ کی مدت میں خاصی گفتگوہو چکی ہے اور آئندہ بھی یہ موضوع سامنے آتا رہے گا۔ البتہ نظر کا موضوع قدرے نیا ہے اور اس کی طرف مصباح اسلام نے بھی توجہ مبذول کرائی ہے۔
نظر مختلف کیفیات بصارت سے عبارت ہوتی ہے۔ عام سادہ نظر پر بات نہیں کرنی۔ اتنی نظر تمام حیوانات کے پاس ہوتی ہے۔ یہ ظاہر بینی کی ایک مادی سہولت ہے جو اللہ نے سب کو بلا تخصیص عطا کی ہے۔ منصوبہ سازی اور ان پر عمل میں اس نظر کی ضرورت بس اتنی ہے کہ منصوبہ لکھنے کے لئے قلم کاغذ ڈھونڈ لے، اور کاغذ پر جو لکھا جا رہا ہے اسے دیکھ لے کہ املا اور زبان درست ہے۔
اصل نظر وہ ہے جو دروں بینی اور دور بروں بینی کی صلاحیت سے عبارت ہو۔ اس کے بھی دو درجے ہیں۔ ایک اہل صفا کی کیفیت ہے کہ وہ نفس کو خود اپنا عرفان اور مشاہدۂ ذات وصفات کراتی ہے۔ یہ بلند مقام ہے اور ضروری نہیں کہ ہر سالک کواس میں درجہ کمال نصیب ہو جائے۔ یہ اہل نظراکثر اپنے ذاتی مشاہدات کا بیان کم سے کم سب کے سامنے نہیں کرتے۔ اردو شعری روایت میں یہ نظر مطلوب بھی رہی ہے اور محمود بھی۔ آج کا شاعر اس انسانی وصف سے محض لاعلم ہے۔ اقبال اس راہ میں کیا مقام رکھتے تھے یہ راز ہے، مگر ان کا حکم تھا کہ
نظر نہیں تو مرے حلقۂ سخن میں نہ بیٹھ
مگرسچی بات ہے کہ مسند علم پر فائز جوصوفیا ء نظر کے د رجۂ کمال کو پہنچے انہوں نے امت کو اگر کوئی راہ سجھائی ہے تو اس سے مثبت نتائج ضرور برآمد ہوئے ہیں۔ اور اگر ان کی بات زیادہ آگے نہ بڑھی تو یا اس لئے کہ بعد میں اس معیار نگاہ کا رہنما میسر نہ آیا، یا صورت حال خموشی کا مطالبہ کرتی تھی۔ مولانا حامد الانصاری غازیؒ کا قول ہے کہ تحریک آزادی ہند ۱۹۱۴ شروع کرنے سے دس سال پیشتر شیخ الہند مولانا محمود الحسنؒ نے تین بزرگوںؒ سے مشورہ کیا تھا۔ ان تینوں کوتامل تھا جسے عام اصطلاح میں شرح صدر نہ ہونا کہا جاتا ہے۔ آخر دس سال کی طویل مدت کے غور وخوض، مراقبہ اور اجتہاد کے بعد تینوں بزرگوںؒ نے رضامندی دی تب شیخ الہندؒ نے وہ کام ۱۹۱۴ میں شروع کیاجس کا منصوبہ ۱۹۰۴ میں مرتب ہو گیا تھا۔ یہ کام ۱۹۲۰ کے بعد پھرجمعیۃ علماء کی اجتماعی رہنمائی اور مولانا ابو الکلام آزاد کی شخصی قیادت میں ۱۹۴۷ تک جزوی طور پر جاری رہا، اور آزادی کے ساتھ ختم ہو گیا، کیونکہ اس کے بعد اس کی تجدید اور فکری اور نصبی تنظیم نو کسی نے نہ کی۔
یہ واقعہ نظر کی دوسری کیفیت کی جانب راہوار فکر کو مہمیز کرتا ہے۔ اس میں راہ سلوک کی تمرینوں اور ریاضتوں کے ذریعہ مشاہدۂ حق ہونا تو ضروری نہیں لیکن اگر وہاں سے انتساب ہو جائے تو سونے پر سہاگہ ہے۔ بنیادی طور پر یہ نگاہ وہ ہے جسے حدیث نبوی کی اسلامی اصطلاح میں فراست ایمانی سے تعبیر کیا گیا ہے۔ سادہ لفظوں میں اسے مستقبل بیں یا اندیشہ و خطرہ بیں نظربھی کہا جا سکتا ہے۔ منصوبہ سازی اور اس پر راہ عمل کے تعین کے لئے کم سے کم یہ نظر لازمی ہے، ورنہ منصوبہ ہی نہیں بن سکتا۔
اسلامیات میں سر سیدمستند نہیں تھے۔ تاہم وہ عمرانی فراست سے متصف تھے۔ ان کے مقابل مولانا محمد قاسم نانوتوی کے پاس امتزاج تھا فراست ایمانی اور اہل صفا کی نظر کا۔ کوئی تو وجہ ہو گی کہ ان دونوں کی تعلیمی تحریکات اگر آج ڈیڑھ سو سال بعد بھی سرد و نرم باقی ہیں۔ یہ بلا شبہ اس نظر کی کرامت ہے، خودمنصوبے کی خوبی نہیں۔ منصوبہ بہت اہم ہوتا ہے مگر ثانوی ضرورت اور آفریدۂ نظر ہوتا ہے۔
یہ تفصیل تیسرے مرحلہ کی راہ کھولتی ہے۔ تبدیلی کے احساس، اس کی نوعیت پر غور و فکر اور تحقیق کے بعد منصوبہ سازی کا مقام آتا ہے۔ اسی مقام پر اہل نظر کی اشد ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ یہی سب سے سنگین اور دشوار کام ہے۔ احساس کسی کو بھی ہو سکتا ہے۔ غورو فکر اہل دانش میں کوئی بھی کر سکتا۔ لیکن منصوبہ بنانے کے لئے کئی صلاحیتوں کا یکجا ہونا ضروری ہے۔ ایک آدمی میں ہر طرح کی استعداد نہ ہو تو مختلف صلاحیتوں کے کئی افراد مل کر بھی یہ کام کر سکتے ہیں۔ یہ بہت جاں گداز مرحلہ ہوتا ہے۔ ایسے لوگوں کی تلاش، ان میں مقصد کے لئے مکمل اخلاص، تن دہی سے کام کرنے کی استعداد، مفوضہ ذمہ داریوں سے بر وقت عہدہ برآ ہونے کی لیاقت، وغیرہ ڈھونڈنا بڑا جان لیوا کام ہے۔ کچھ عرصہ قبل کسی ہندستانی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر نے مجھے لکھا کہ جدید اور دینی تعلیمی اداروں کے مابین توافق اور دینی تعلیمی اداروں میں جدید علوم کے اثباتی تعارف کا کام نہایت ضروری ہے۔ میں نے اتفاق کیا۔ باہم مشورے سے چھ افراد کا ایک گروہ کام کر کے لئے مقرر ہوا۔ میں نے ہفتہ بھر لگا کر اس کے لئے ایک تفصیلی مقاصد نامہ لکھا اور تمام ارکان کی خدمت میں رائے، تبصرہ اور مشورے کے لئے ۲ فروری ۲۰۰۷ مطابق ۱۴ محرم ۱۴۲۸ کو ارسال کیا۔ پانچ اراکین میں سے ایک نے بھی ا پنی رائے سے سرفراز نہیں فرمایا اور وہ کام سوچ اور ابتدائی منصوبہ سازی کے مرحلہ سے آگے نہ بڑھ سکا۔ اس سے کئی برس پہلے ایک اور گروہ کے اصرار پرہندستان میں ایک مسلم تھنک ٹینک کے قیام کا منصوبہ بنا کر پیش کیا۔ اس پر دو نشستوں میں وہ لٹھم لٹھا ہوئی کہ منصوبہ اور عمل سب داخل دفتر ہو گئے۔
خوش قسمت ہوتے ہیں وہ لوگ جنہیں کام کرنے والے اور مفیدمشورے دینے والے کئی کئی افراد میسر آ جاتے ہیں۔ سر سید ان میں سے ایک تھے۔ بعض حضرات تن تنہا بڑے کام چھوٹے پیمانے پر شروع کر کے امت کے کسی گروہ کو کسی بڑے امتیاز کی راہ پر ڈال دیتے ہیں۔ برصغیر میں مولانا نانوتوی ایسے ہی ایک شخص تھے۔ یہ دونوں شخصیات مستقبل کی راہ بینی میں بطور حوالہ مفید ہیں اور ان کے تجربات کا اطلاق ضروری اور مناسب تبدیلی و ترمیم کے ساتھ دنیا میں کسی بھی خطہ میں ممکن ہے۔
منصوبہ سازی میں کئی عناصر کا لحاظ رکھنا پڑتا ہے۔ پہلے تو یہ طے کیا جائے کہ دنیا کے کس خطہ اور وہاں کے کس معاشرتی گروہ کے کس میدان زندگی میں کیسی تبدیلی اور کیا ارتقا مطلوب ہے۔ اسی کے مطابق منصوبہ بھی بنے گا۔ لباس قامت کے مطابق نہ ہو تو لباس نہیں کہلاتا۔ اسی طرح منصوبہ کا بھی چست ہونا لازمی ہے ورنہ وہ کامیاب نہیں ہو گا۔ دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ کام ایسا منتخب کیا جائے جس کے اثرات ہمہ گیر ہوں۔ سہارنپوریا علی گڑھ کے مسلم محلوں میں صفائی کا معاملہ بے شک اہم ہے اور ایسے مسائل بھی توجہ چاہتے ہیں، مگرایسے منصوبوں میں کامیابی ملت کہ درد کا درماں نہیں۔
زوال اور انحطاط پر بہت باتیں ہو چکی اور ان کا رونا لاحاصل ہے۔ سوچنا ہی ہے تو ان امور پر سوچ کو مرکوز کیا جائے جو نتائج دیتے ہوں۔ وکیل احمد انصاری ہندستان کے مردم خیز شہرجونپور کے ایک وکیل تھے۔ انہوں نے ایک مقامی کالج میں ایک مسلم بچی کے ساتھ کالج کے ایک ارذل ملازم کا ذلیل برتاؤ دیکھ کر ۱۹۶۴ میں شہر میں لڑکیوں کا ایک کالج کھولنے کا ارادہ کیا۔ خیر کی خاطر مشتبہ کمائی کا ذریعہ وکالت چھوڑ دی۔ اپنے گھر کے ایک چھوٹے سے کمرہ میں اپنی بڑی بیٹی اور محلہ کی دوچار ہمجولی بچیوں کو چٹائی پر بٹھا کر سورہ العلق پڑھا ئی اور ’’کالج‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے ۲۰۰۵ میں علی گڑھ میں ایک ملاقات میں مجھے اطلاع دی تھی کہ سہ منزلہ گرلزکالج میں پوسٹ گریجویشن کی کلاسوں کی منظوری مل گئی ہے اور اگلا مرحلہ میڈیکل اور انجئرنگ کالجوں کے قیام کاہے۔
اب اس کے بعد بھی مزید کچھ کہنے کی ضرورت رہ گئی ہے ؟
ہاں ایک بات رہ گئی ہے۔
وکیل احمد انصاری کے خاندان نے خاموشی سے فاقے کئے تھے۔ مجھے جونپورآنے کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے ایک بار کہا تھا کہ مشرقی سلاطین کے دارالحکومت میں جو مکان سب سے خستہ نظر آئے میں بے تکلف اس میں چلا آوں۔ وہی ان کا گھر ہے۔
محمد طارق غازی ٭آٹوا، کینڈا ٭ چہار شنبہ ۱۰ جون ۲۰۰۹

۰۰۲۷ / بیداری
جمعہ ۱۹ جون ۲۰۰۹ ء
نُکتَگُو
محمد طارق غازی
نکتہ
ناکام جنگ آزادی ۱۸۵۷ نے احساس زیاں پیدا کیا۔ یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ ۱۸۵۷ کے بعد یہاں (برصغیر) کے باشندوں نے ایک دوسرا جنم لیا۔ اس عرصہ میں جرات اظہار اور آزادی کی تڑپ بیدار ہوئی۔ اردو ادب پر اس کے دور رس اثرات مرتب ہوئے۔ اردو شاعری میں حریت فکر کی روایت کو استحکام نصیب ہوا۔ اصلاحی تحریکوں نے اس عرصہ میں موثر اور فعال کر دار ادا کر کے عوامی شعور و آگہی کی بیداری میں اہم کر دار ادا کیا۔۔۔۔ تہذیب و ثقافت کی بقا کو مطمح نظر بنایا گیا۔ ٹائن بی نے کہا تھا: تمدن کی بالیدگی کے لئے ضروری ہے کہ تمام چیلنجوں کا بھر پور جواب دیا جائے، کیونکہ جو تمدن چیلنجوں کا جواب نہ دے سکے وہ ختم ہو گئے۔
- غلام شبیر رانا
جنگ آزادی ۱۸۵۷ : ادبی مطالعہ، سہ ماہی الاقربا، اسلام آباد، پاکستان، جنوری-مارچ ۲۰۰۸، ص ۴۰-۳۹
گفتہ
ادب ایک ایسا ذریعہ اظہار ہے جو ہم خیال افراد کو یکجا کر دیتا ہے، مخالفین کا پردہ کھول دیتا ہے اور مثبت اقدام کی راہ پر آگے بڑھنے کا امکان روشن کر دیتا ہے۔ اسی لئے استبدادی حکومتوں اور قفل بندسماجوں میں سب سے زیادہ ناپسندیدہ شے ادب اور اظہار فکر کو سمجھا جاتا ہے۔ استبدادی حکومتوں سے صرف یہ مراد نہیں کہ وہاں کوئی ظالم و جابربادشاہ یاآمر بیٹھا ہے۔ جمہوری نظام بھی ایسی مثالیں پیش کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہا۔ فرق بس اتنا ہوتا ہے کہ جابرانہ موروثی یایک فردی نظام میں ہر نوعیت کے اظہار پر پابندی ضروری ہوتی ہے جبکہ جمہوری نظام میں کسی خاص نوع کی آزادی کو اتنا پابند کر دیا جاتا ہے کہ طوطی بھی بے زبان ہو جاتی ہے۔ بایں ہمہ، ادب راستہ نکال لیتا ہے۔ جو کام بڑے سے بڑے سرد و گرم چشیدہ صحافی کی تجزیہ نگاری نہ کر سکے وہ کام ایک شعر، یا ادبی نثر کا ایک فقرہ کر دکھاتا ہے۔
ایک کم سن زبان ہونے کے باوجوداردو نے یہ کام کم سے کم دو بار کیا ہے، اور تیسری باراب کر رہی ہے، مگر لڑکھڑا تے ہوئے۔ ایک اہم بات یہ ہے کہ اردو ادب کے مورخین نے ان تین ادوار کی نشان دہی نہیں کی نہ انہیں کسی دور ادب کا عنوان بنایا۔
انگریزی ادب اپنے ارتقائی دور میں دو ملکاوں ایلزبیتھ اور وکٹوریا کے ناموں سے منسوب ہوا۔ ادب کے علاوہ بھی جامد قدروں کی خوگر اکثر یورپی قوموں کے پاس تہذیب و ثقافت کے مظاہر ان کے حکمرانوں ہی سے معروف ہیں۔ اردو میں کبھی بھی ذہن اتنے بے مایہ اور فکر و شعور سے اس قدر عاری نہیں تھے۔ اردو کا امتیاز یہ ہے کہ انگریزی کے بر عکس اس کا ادب اپنی پہچان کے لئے کبھی سیاست یا اہل سیاست کے تابع نہیں رہا۔ اس لئے اس زبان میں ادوار کی پہچان بادشاہوں کے بجائے کسی نہ کسی بڑے ادبی نام سے ہوئی ہے۔ ولی دکنی اور سراج اور نگ آبادی کا دور، میر و سودا کا عہد، ذوق و غالب کا زمانہ، حالی، اکبر، شبلی و اقبال کا عصر، وغیرہ۔ اس سے اردو تہذیب اور خود برصغیر کی تہذیب کو یہ فائدہ ہوا کہ وہ بالخصوص انگریزوں کی اس سرپرستی سے محفوظ رہی جس کے لئے فورٹ ولیم کالج کلکتہ والے جان گلکرائسٹ نے جان توڑ کوشش کی تھی۔ اردو کی یہ آزاد مزاجی قوم کے کام آئی۔
اس تمہید کی اجمالی تفصیل یہ ہے کہ ۱۸۵۷ محض ایک سن عیسوی نہیں تھا، نہ محض ایک حادثہ کہ ہو گیا اور لوگ اسے بھول بھال کر اپنے اپنے کاموں میں پھر مشغول ہو گئے۔ وہ تاریخ کا ایک نازک موڑ تھا: ہندستانیوں کے لئے بھی اور انگریزوں کے لئے بھی، اور خاص طور سے شمالی ہند کے مسلمانوں کے لئے۔ وہ مرگ انبوہ کا دور تھا۔ جب ہزارہا نہتے، بے سروسامان، معصوم انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار ا جا رہا تھا۔ تاریخ میں بے رحمی کے ایسے بہت سے دور آئے ہیں اور مسلمان تو اکثر اس طرح کی انسانی درندگی کا نشا نہ بنتے آئے ہیں۔ مگر کچھ عجیب سی لگتی ہے یہ بات کہ وہ ہر بار و ہ زندگی کے نئے عنوان سے تازہ دم اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ صرف آموختہ کی خاطر: بغداد۱۲۵۸ دنیا کا سب سے بڑا اور سب سے متمدن، سب سے خوب صورت شہر تھا۔ ہلاکو کی جارح فوج نے جب اس شہر سے واپسی کی ٹھانی تو سولہ لاکھ انسانوں کو مارچکے تھے۔ غرناطہ ۱۴۹۲ مسلم اندلس کا ایک لٹا پٹا آخری شہر تھا۔ اپنوں کی دغا بازی اور غیروں کی وِغابازی کے نتیجہ میں جب اپنے انجام کو پہنچا تو سٹینلی لینپول کے بیان کے مطابق تین لاکھ افرادکے خون مظلوم میں نہایا ہوا تھا۔ اسپین میں تو خیر وہ آخری پڑاؤ تھا، اس لئے باوجودیکہ ۱۶۱۰ تک وہاں مسلمانوں کی جد و جہد جاری رہی، اور ان کے قتل و غارت کا سلسلہ بھی جاری رہا، مگر تاریخ کا کڑواسچ یہ ہے کہ وہاں باتی اور تیل ختم ہو چکا تھا۔ البتہ ۱۲۵۸ کے بعد کا بغداد دو سال بعدفلسطین میں ۳ ستمبر ۱۲۶۰ کی جنگ عین جالوت کے بعد پھر انگڑائی لے کر اٹھ کھڑا ہوا تھا۔ البتہ ہر نئے احیا کے بعد مسلمانوں کے ارتقائی مرکز بدلتے رہے۔ شمالی ہند کا قتل عام ۴۸-۱۹۴۷ بھی کچھ کم دہشتناک نہ تھا۔ سائرِل رَیڈکلف کے کھینچے ہوئے خط تقسیم کے دونوں طرف دس لاکھ افراد کی جانیں گئی تھیں۔ مگر جب امن و امان بحال ہو گیا تو ہندستان کا مسلمان پھر ایک نئے عزم کے ساتھ اٹھ بیٹھا۔
ان موقعوں پر ادب نے اہم کر دار ادا کیا۔
اقبال نے تاریخ کے ان تین تاریک ادوار کا ذکر اپنی نظم صقلیہ (سسلی) کے ایک بند میں کیا ہے :
نالہ کش شیراز کا بلبل ہوا بغداد پر داغ رویا خون کے آنسو جہاں آباد پر
آسماں نے دولت غرناطہ جب برباد کی ابن بدروں کے دل ناشاد نے فریاد کی
غم نصیب اقبال کو بخشا گیا ماتم ترا
چن لیا تقدیر نے وہ دل کہ تھا محرم ترا
صقلیہ ۸۲۷ میں عربوں کے زیر حکومت آیا اور ۲۰۰سال تک دنیا کے مہذب ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا رہا۔ اپنی عرب اسلامی تہذیب اور تمدن، علم نوازی کے باعث اسے بنت ہسپانیہ کہا جاتا تھا۔ دو سو سال بعد یہ خطہ مسلمانوں کے ہاتھ سے نکلا اور سکینڈینیویا کے نارمن باشندوں نے اس پر تسلط حاصل کر لیا تھا۔ اقبال نے اسی کھوئے ہوئے سسلی کا درد انگیز نوحہ لکھا تھا اور اس نظم میں صقلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے ساری امت کا درد ایک مصرعہ میں سمیٹ دیا
جس کی تو منزل تھا میں اس کارواں کی گرد ہوں
اندلس میں تو کسی کی جان کو پناہ تھی نہ ایمان کو۔ وہاں تو ایک بھگدڑ پڑی ہوئی تھی۔ لاکھوں لوگوں نے مراکش، تلمسان، سجلماسہ میں پناہ لی، تھوڑے بہت استنبول چلے گئے، اور ایک بڑی تعداد جنوبی امریکہ میں موجودہ برازیل اور ارجنٹینا اور میکسیکو وغیرہ چلی آئی۔ اس وقت ادب کون لکھتا، اور لکھا بھی ہوتو اسے محفوظ کس نے کیا ہو گا۔ جنوبی یا لاطینی امریکہ کا سولہویں صدی کا ادب توجہ اور تحقیق کا تقاضہ کرتا ہے۔ ظاہر وہ ادب عربی میں نہیں ہسپانوی زبان ہی میں لکھا گیا تھا۔ اس کی چھان پھٹک کی ضرورت ہے۔ یہ تو میں نہیں کہتا کہ اس پر کام نہیں ہوا ہو گا، لیکن نقطۂ نظر کا فرق ہو گا۔ اب ایک نئے تاریخی پس منظر میں امریکہ کے ہسپانوی اداب کا مطالعہ دلچسپی کا عنوان ہو گا۔ اسی طرح ان صدیوں میں لکھا گیا خود سپین کا ادب بھی توجہ چاہتا ہے۔ اس کا بڑا حصہ ممکن ہے ضائع ہو چکا ہو، مگر پھر بھی آثار ملنے کی توقع ہے۔ تاریخ ادب عربی میں ابن بدروں (درحقیقت ابن عبدوں ) کا نام ملتا ہے جس نے زوال غرناطہ کا سوز سننے والوں کو بانٹا تھا۔ سقوط بغداد ۱۲۵۸ کے بعداگرچہ فارسی میں حافظ اور سعدی شیرازی نے اس واقعہ کو نظم کیا تھا۔ منگول مظالم کا شکار تو فارس بھی ہوا تھا، رے، نیشاپور، خیوا، سارے ہی شہر تاراج ہوئے تھے۔ مگر اس عہدکے عربی ادب اور معاشرہ پر اس کے اثرات کا جائزہ عربی ادب میں ہو گا اور اسے اردو میں کوئی ایسا ہی شخص متعارف کروا سکتا ہے جو عربی میں علمی دستگاہ رکھتا ہو۔ اردو کی خصوصیت یہ رہی ہے کہ بہت سی دیگر اسلامی زبانوں کے برعکس اس نے دنیا بھر کا درد سمیٹا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اپنی عالمی بے مائیگی اور علمی کم سنی کے باوجود فکری اور جذباتی سطح پراردو بہت بلند اور موثر رہی ہے۔ اسی لئے اردو کے حوالہ سے کچھ ابتدائی بات کی جا سکتی ہے۔
برصغیر کے مسلمان جب ۱۸۵۷ کا موڑ کاٹ کر واپس حواسوں میں آئے توغالب ہوں یا شیفتہ، حالی ہوں یا محمد حسین آزاد، میر مہدی مجروح ہوں کہ داغ سب ہی نے ان حالات کا حساب اپنے قوم اور مستقبل کے حوالے کیا۔
ازل میں شرح لکھ کر میرے غم کی بری حالت ہوئی لوح و قلم کی
داغ نے جب اس نہایت خوبصورت غزل کا یہ شعر کہا تھاتو لوگ سمجھے بے چارہ عاشق ناکام محبوب کی بے اعتنائی کا رونا رو رہا ہے۔ مگردنیا کے کس حسین میں بوتا ہے جو ایسا شعر کہلوا دے ؟مٹ جانے والے غم کی شرح ہی کیا۔ سوچنے کی بات ہے کہ جس غم کی شرح لوح محفوظ پر لکھی ہو اور جسے لکھنے سے خود دست تقدیرکے قلم اور تختی کی حالت غیر ہو گئی ہو وہ کسی عام فانی آدمی کے نقص توجہ کا نتیجہ کہاں ہو سکتی ہے۔ اس کے پیچھے تو وہ قیامت صغریٰ تھی جو لال کوٹ فوج نے شمالی ہندستان، بالخصوص دار السلطنت مغلیہ شاہجہاں آباد، میں ڈھائی تھی۔ اس عہد کا کچھ ذکر مفتی محمد اسمٰعیل طور نے اپنی کتاب الہدیٰ انٹرنیشنل کیا ہے میں تاریخی حوالوں سے کیا ہے۔ داغ دہلوی کے غم کی گہرائی ناپنی ہو تومفتی اسمٰعیل طور کی کتاب یہ اقتباس پیمانہ مہیا کرتا ہے :
’’انگریز مورخ کرنل ٹامسن، جو ۱۸۵۷ کی جنگ کے دوران دہلی میں تعینات تھا، اپنی یادداشتعلمائے بغاوت Rebellion Clerics (ص ۴۹)میں لکھتا ہے کہ ۱۸۶۴ سے ۱۸۶۷ تک (صرف دہلی میں )۰۰۰، ۱۴ مسلم علماء کو پھانسی پر لٹکایا گیا۔ سر سید احمد خان، مولانا محمد حسین آزاد وغیرہ کا پورا خاندان، مرزا غالب کے تمام اعزہ اقربا اسی دوران ختم ہوئے۔ یہ تین سال ہمارے ملک کی تاریخ کے سیاہ ترین سال ہیں۔ اسی عصرکا ایک مورخ، سید کمال الدین حیدر حسنی الحسینی، قیصر التو اریخ، مطبوعہ ۱۸۹۶، میں لکھتا ہے کہ ۰۰۰، ۲۷ علماء کو تختہ دار پرپھانسی دی گئی۔ سات دن مسلسل قتل عام جاری رہا۔ ٹامسن کے بقول دلی کے چاندنی چوک سے پش اور تک کوئی درخت ایسا نہ تھا جس پرعلماء کی گرنیں نہ لٹکتی ہوں ‘‘۔
یہ مختصر بیان لکھ کر تو ٹامسن اور سید کمال الدین حیدرکے قلم و قرطاس کی حالت بری ہو گئی ہو گی۔ داغ نے کمال یہ دکھایا کہ کچھ نہیں کہا اور سب کہہ دیا۔ یہی اردو شاعری اور اردو زبان کی جادوگری ہے۔
خواجہ الطاف حسین حالی نے اس دور جور و جفا کا حال کئی نظموں میں بیان کیا ہے۔ منا جات بیوہ اور چپ کی دادجیسی کچھ نظموں کا تعلق تو مسلم معاشرہ میں در آنے والی کمزوریوں سے ہے جس کا نوحہ ڈیڑھ سو سال ہو گئے آج تک جاری ہے۔ اس پرمستزاد حالی کی شاہکارمسدس مد و جزر اسلام ہندستانی مسلمانوں کے عروج و زوال کا بیانیہ ہے۔ لیکن جو نظم زیادہ قابل غور ہے - بطور تاریخ عصر اور شعری اعجاز - وہ ہے ان کا مرثیۂ دہلی۔ یہ بڑی پہلو دارنظم ۱۸۵۷ کے فوراً بعد نہیں کہی گئی تھی، بلکہ غالب(۱۸۶۹) اور شیفتہ (۱۸۹۶)کے انتقال کے بعد - یعنی جنگ آزادی کے ۴۰ سال بعد - جب حالی مستقل طور پر اپنے وطن پانی پت منتقل ہوئے تب کہی گئی تھی۔ سوں گزرنے کے باوجود دلی وہ نہیں تھی جس کے عادی بہادر شاہ ظفر کے زمانے والے تھے۔ یہ بہت عجیب نظم ہے :
تذکرہ دہلی مرحوم کا اے دوست نہ چھیڑ نہ سنا جائے گا ہم سے یہ فسانہ ہرگز
لے کے داغ آئے گا سَو اپنے جگر پر سیاح دیکھ اس شہر کے کھنڈروں میں نہ جانا ہرگز
میرا ادب اردو کا مطالعہ بڑا طالب علمانہ ہے۔ بلکہ طالب علم کا مطالعہ تو بہت اچھا ہوتا ہے۔ میرا تو کچھ مطالعہ ہی نہیں۔ اس لئے میں نہیں جانتا کہ اردو کے کسی نقاد یا مورخ نے اس نظم کا ذکر کیسے کیا ہے، یا اس کا کچھ تجزیہ وغیرہ ہوا ہے یا اسے بھی ہزاروں دیگر منظومات کے خانے میں ڈال کر بھلا دیا گیا۔ کچھ دن پہلے یہ نظم سلمان غازی سلمہ نے انٹرنیٹ پر پیش کی تھی تو اس وقت دلی کی سسکی کے عنوان سے اس پر چند تاثرات قلم برداشتہ لکھ دئے تھے۔ ان کا ذکریہاں موزوں ہے۔
’’حالی کی یہ نظم مرثیہ کے بجائے اس اعتبارسے زیادہ اہم ہے کہ یہ خاص طور سے ہندستانی مسلمانوں کی اُس وقت کی ذہنی کیفیت کی غمازی کرتی ہے۔ یہ کچھ آج کی سی فضا لگتی ہے جس کا نعرہ ہے کہ ہر مسلمان دہشت گرد نہیں ہے مگر ہر دہشت گرد مسلمان ضرورہے۔ حالی کی نظم کی اہمیت یہ ہے کہ حالی جیسا شخص - انگریزوں کے وفادار سر سید کا دوست ؛ خود انگریز کا وفادار اور اردو میں انگریزی ادبی مزاج کی ترویج کا سرخیل - کھل کر رو بھی نہیں سکتا تھا۔ اس نظم کی ردیف ہرگز حالی کے دور میں ایک دبی ہوئی سسکی تھی اور آج بھی اِس حقیقت کی غمازہے کہ شاعر بیچارہ توآہ بھی نہیں بھر سکتا تھا۔ ہرگز کی تکرار اُس زمانے کی عام نفسیات کی کھلی کھلی نشان دہی کرتی ہے۔ دلی کی موت پرشاعر ہر قسم کے بین و بکا، آہ و زاری، پرسہ اور تعزیت سے بار بار پڑھنے والوں کو روک رہا ہے کہ وقت وہ ہے کہ لوگ بس دم سادھے بیٹھے رہیں، سانس بھی زور سے لی تو اور آفت آجائے گی۔ ‘‘ (م ط غ، دلی کی سسکی، علی گڑھ اردو کلب، ہفتہ۲۰ دسمبر۲۰۰۸)
یہاں شاعر کا ہنر یہ ہے کہ اس مسموم اور مشکوک فضا میں ہر گز کی ردیف لگا کر وہ سب کچھ کہہ دیا جو نمرود کی خدائی میں راست کہنا ممکن نہ تھا۔ غالب کا شعر یاد آتا ہے :
کیا وہ نمرود کی خدائی تھی بندگی میں مرا بھلا نہ ہوا
اس میں بھی تو وہی بات ہے۔ پیرایہ غزل کاہے مگر غالب تلمیح بہت دور سے لائے۔ یہ تلمیح خود شاعری میں بھی عام نہیں۔ فرعون و موسیٰؑ کے قصہ میں شاعروں نے بہت پہلو نکالے ہیں۔ اسی طرح آدم و حوا، آدم و ابلیس، ابلیس و جنت و دنیا، نوح اور طوفان، عیسیٰؑ اور معجزۂ قم کے مضامین سے اردو شاعری رنگین ہے۔ لیکن داستان ابراہیمؑ میں یا تو آگ میں ڈالے جانے کا بیان آتا ہے یا ذبح عظیم کا واقعہ۔ غالب کے شعر میں ذکر ابراہیم محذوف ہے، انہوں نے بڑی ہنرمندی سے گفتگو کا رخ نمرود کی سمت موڑ دیا۔ یہ نکتہ اہم ہے اور عصر غالب کی سماجی کیفیات کو اس بلیغ انداز میں بیان کرتا ہے کہ جن پر گذر رہی تھی وہ اس سچائی کو محسوس کر رہے تھے۔ وہ جانتے تھے کہ شاعر اس وقت رہنمائی کا فریضہ پورا کر رہا تھا اور اس غیر متوازن صورت حال کو بدلنے پر متوجہ کر رہا تھا۔ کل اس شعر کا رمز حیات بخش تھا، آج بطور فنی خوبی کے وہی رمز جان لیوا ہے۔ حالی کے مرثیہ دہلی میں رمز و ایما اور راست بیانی دونوں کا امتزاج ہے۔ یہ نہیں کہ راست بیانی میں شاعری پر ضرب پڑتی ہے، ایسے تو بے شمار اشعار مل جاتے ہیں جن میں بات راست کہی گی اور شعریت بھی برقرار رہی۔ سلیم احمد کا شعر ہے آنکھ اور چراغ میں :
کچھ بھی مری زباں پہ نہ تھا راست کے سوا میں کیا کہوں کہ وقت نے جھٹلا دیا مجھے
راست ہونے کے باوجود اس شعر میں بھی ایک عصری حقیقت کو کائناتی کلیہ بنا کے پیش کیا گیا ہے۔ یہ شعر موجودہ ذہنی رویوں اور عصری انسان کی باطل مزاجی کا آئینہ ہے۔ عام انسان سچ کہہ کر بھی جھوٹا کہہ دیا جاتا ہے اور جھوٹ فریب کی فنکاری دکھانے والے دنیا پر حکومتیں کر رہے ہیں اور ان کی بات کو ساری دنیا سچا مانتی ہے یا ماننے پر مجبور ہے۔
اردو کی بات بڑی حد تک برصغیر جنوبی ایشیا کی بات ہے۔ اس زبان میں عمرانی اور انسانی تجربات کا بیان اسی خطہ پر مرکوز ہے کہ اول تو پاک و ہند کے علاوہ کہیں اور کی یہ زبان نہیں اور دنیا کے دوسرے ملکوں میں بھی اردو کا کام انہی دو ملکوں سے آنے والی عمر رسیدہ نسلوں نے کیا ہے، مقامی طور پر جوان ہونے والوں کے نام اس فہرست میں تقریباً معدوم ہیں۔ تو خلیجی اور مغربی ملکوں کے ہندستانی اور پاکستانی باشندے جب وہاں بیٹھ کر اردو ادب لکھتے ہیں اور عصری امور پر تخلیقی توجہ کرتے ہیں تو ان کا پس منظر وہی رہتا جہاں سے وہ آئے ہیں۔ چنانچہ اس غیر ملکی اردو ادب میں بھی خود غیر ملک کا وجود کم ہوتا ہے۔ نثر میں البتہ نعیمہ ضیاء الدین (جرمنی)، شکیلہ رفیق(کینڈا) اور عذرا نقوی (کینڈا میں قیام کے تجربات)نے مقامی آگہی اردو کے افسانوی ادب میں منتقل کی ہے، مگر وہ ابھی کوئی محکم روایت نہیں بنی۔ ان تحریروں کے ثقافتی اور اخلاقیاتی ڈانڈے عموماً وہی برصغیر کے پس منظر میں رکھے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یہ اس دور کا ادب ہے جب ادب خیز ماحول میں چھوٹی چھوٹی باتیں افسانے بنتی ہیں یا شعر کے پیرائے میں ادا ہو جاتی ہیں۔ یہ وقت ایسے ہی بہتا ہے جیسے سری نگر میں امیر ا کدل کے نیچے سے اگست ستمبر کے مہینوں میں جہلم دھیرے دھیرے ہلکورے لیتا ہوا شمال کی طرف نکل جاتا ہے۔ بیدار ی کا ادب بحرانی دور میں پیدا ہوتا ہے۔ اب یا تو بحران موثر نہیں یا اس، میں سے بلیغ انداز میں راہ نکالنے والے ادیب و شاعر ابھی تک حالی کی ہرگز کی زد میں ہیں۔
برصغیر کی آزادی کے ساتھ بھی تباہی کا بہت بڑا بحران آیا تھا۔ صرف نوے برس میں ہندستان دوسری بار خون کے دریا میں ڈوبا تیرا تھا۔ اس وقت خاص طور سے نثر میں درد کا اظہار ہوا تھا۔ سعادت حسن منٹو، راجندر سنگھ بیدی، کرشن چندر، رامانند ساگر، اور نہ جا نے کتنے اور تھے جنہوں نے اسی جیتے جیتے خون میں انگلیاں ڈبو کر افسانے لکھے تھے۔ تاہم شعر بھی اس میدان میں پیچھے نہیں رہ گیا تھا۔ بہت سے شاعر تھے جن کے لبوں سے خون جگر غزل کے اشعار کی صورت میں بہتا ہوا ہزاروں لاکھوں کانوں تک گیا تھا۔
اس ادب کی خصوصیت کیا تھی؟
بہتا خون دیکھ کر انسان تو سہم جاتے ہیں۔ درندہ خوش ہوتا ہے کہ اس کی غذا کا انتظام ہوا۔ اور انسان درندہ بنتا ہے تو نہ انسان رہتا ہے نہ درندہ ہی بن پاتا ہے۔ خون دیکھ کر خوش ہوتا ہے تو انسان باقی نہیں رہتا، اپنے ہاتھ سے جن انسانوں کو مارتا ہے وہ غذا بھی نہیں بنتے، تو درندگی کا حق بھی ادا نہیں کرتا۔ ادب بس اسی تضاد کو آئینہ دکھا دیتا ہے۔ اور اسی تضاد سے انسانوں کو دوبارہ انسان بنانے کا ہنر ادب ہے۔
اردو پر ایسی بپتائیں پڑتی رہی ہیں۔ کون جانے یہ اس زبان کا مقدر ہے، یا مجبوری۔ مگر اس زبان نے انسان کو اس کی اصل تک لانے کی ذمہ داری بار بار پوری کی ہے۔ بار بار اس نے دکھیاروں کو آنسو پونچھے ہیں، مظلوموں کے حق کے لئے آواز لگائی ہے۔ سڑکوں پر بہتے انسانی خون کو اپنے نازک ہاتھوں سے صاف کیا ہے۔ سولیوں سے بے گناہوں کے لاشے اتار کر انکی عزت آبرو کو حرف و استعارہ کی چادروں میں لپیٹا ہے۔ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ دیگر مہذب اور بڑی طاقتور زبانوں کے برعکس اردو نے یہ کام اصل ادب میں کیا ہے، متوازی اور متبادل ادب میں نہیں۔ انقلاب بھی اردو میں صف اول کے ادیبوں شاعروں کا موضوع رہا ہے، باغی ادیبوں شاعروں کا نہیں۔ اس زبان نے جوش ملیح آبادی اور انور صابری کو ان کی زندگی میں شاعر انقلاب کے لقب سے یاد کیا اور یہ دونوں اپنے دور کے ممتاز اہل قلم تھے، چھپے رستم نہیں تھے۔ اس نے انقلاب زندہ باد کا نعرہ دیا تو وہ کسی اندھیری پچھلی گلی سے آنے والی ایک بے نام آواز نہیں تھی، رو در رو للکار تھی جو آج بھی جیالے سڑکوں پر نکلتے جلوسوں میں منہ چھپائے بغیر لگاتے ہیں۔
اردو زبان کے اس پہلو کو خاطر خواہ توجہ نہیں ملی۔ ہم ابھی تک میر کے دیوان کے نقطوں، اقبال کی زندگی میں آنے والی عورتوں، غالب کی قمار بازی کے قصوں میں بھٹکے ہوئے ہیں۔ غالب جواری بھی تھا شرابی بھی۔ مگر ا پنا جو دیوان مومن خاں مومن کے ایک شعر پر وار دینا چاہتا تھا اس دیوان میں ایک شعر ایسا چھوڑ گیا کہ میں سسکتی قوموں کے لئے وہ شعر لے کر جان ہار دوں۔ اردو ادب میں صرف یہی اکیلا شعر ہوتا تو اردو تب بھی ایک بڑی زبان قرار پاتی۔ ایسے شعر روز نہیں کہے جائے، سال بسال بھی نہیں۔ دسیوں بیسیوں سال میں کبھی ایک بار کہے جاتے ہیں۔
لب عیسیٰ کی جنبش کرتی ہے گہوارہ جنبانی قیامت، کشتۂ لعل بتاں کا خواب سنگیں ہے
یہ مشکل شعر ہے۔ بہت مشکل شعر ہے۔ غالب کے معروف اشعار میں تو ہرگز نہیں ہے۔ اس پر پوری غزل بھی نہیں ہے، قطعہ بھی نہیں کہا۔ بس مرزا نوشہ، مرزا آزردہ اور نواب شیفتہ نے فردیات غالب میں اسے باقی چھوڑ دیا تھا کہ کبھی کوئی چاہے تو ۱۸۵۷ سے پہلے اور بعد کی داستان کا عنوان سمجھ لے، اور نہ چاہے تو غالب کا کیا بگڑنا تھا۔
اس شعر کے فہم و شرح کے پیچھے ایک داستان ہے۔ سادہ شعر محض ایک بیان ہوتا ہے۔ اچھے شعر میں کم سے کم ایک کلید - کلیدی لفظ - ہوتا ہے۔ غالب کا یہ شعر کئی کلیدوں سے کھلتا ہے اور شائد اسی لئے اس پر لوگوں کی نظر اور توجہ نہیں گئی۔ یہ داستان اور اس کے ذیل میں اس شعر کا تفصیلی جائزہ اور شرح بھی کسی اور وقت بیان کروں گا،۔ سر دست بس اتنا کافی ہے کہ اس عجوبہ شعر کے ۱۶ لفظوں میں غالب نے بس یہ کہا ہے کہ عیسیٰ تو مُردوں کو زندہ کرتے تھے، اب گہوارے میں سلا رہے ہیں، اس سے بڑی قیامت اور کیا ہو گی کہ یہ نیند بھی پتھرائی ہوئی ہے۔ کہتے ہیں سوتا زندہ مردہ برابر۔ تو بس وہی حال ہے قوم غالب کا۔
کون جانے ۱۸۵۷ کے بعد ملی و قومی بیداری کی جو مہمیں شروع ہوئی تھیں ان میں سے کس تحریک کے رہنماؤں نے غالب کے اس شعر سے رہنمائی پائی تھی۔
٭٭٭

تعلیمات

نکتہ

سکولوں اور کالجوں میں زبان و ادب کی جیسی تعلیم دی جائے گی اسی پر ادب کی تعمیر ہو سکے گی۔ میں محض شاعر نہیں رہا ہوں بلکہ ایک معلم بھی رہا ہوں اور جس طرح تعلیم کو روز بروز پستی کی طرف ہم لے جا رہے ہیں اسی پستی کی طرف ہمارا ادب بھی جائے گا۔ میں اسے مد توں سے محسوس کرتا رہا ہوں کہ اردو کے کامیاب ادیب بھی وجد ان اور شعور کی وہ سنجیدگی حاصل کرنے سے محروم رکھے گئے ہیں جسے صرف گہرا مطالعہ اور بلند تعلیم ہی ہمارے نوجوانوں کو د ے سکتی ہے۔ مرزا غالب کی فلم کو لے لیجئے جسے دو مشہورادیبوں (گلزار اور کیفی اعظمی: م ط غ)نے بنایا ہے۔ دونوں نے موضوع اور اسے پیش کرنے کے طریقے کو کافی نیچے گرادیا ہے۔ جس ہند ی کو بظاہر اتنا اچھالا جا رہا ہے آج اس کی تعلیم بھی مٹی میں ملا دی گئی ہے۔ ہند ستان کو آج ایک تعلیمی انقلاب کی ضرورت ہے۔ کہا نہیں جا سکتا یہ انقلاب کب آئے گا۔ یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ یہ انقلاب کبھی آئے گا یا نہیں۔ اس لئے اردو یا ہند ستان کی کوئی اور زبان ہو، اس کے ادب کے مستقبل کا خدا ہی حافظ ہے۔

- فراق گورکھپوری
انٹر ویو، بلونت سنگھ، ماہنامہ اردو چینل، انٹرنیٹ، اردویاہو۔ کوم

گفتہ

کوئی اور ملک ہوتا تو اس انٹر ویو پر قیامت آ جاتی۔ مگر شکر ہے کہ اول تو یہ بات ہندستان کے متعلق کہی گئی تھی اور دوسرے کہنے والے فراق گورکھپوری تھے۔ قیامت تو خیر فراق گورکھپوری کے کہے پر بھی آ سکتی تھی، لیکن نہ آنے کا سبب اوپر کی عبارت کا تتمہ ہے جسے نکتہ میں تو نہیں لکھا، یہاں نیچے لکھے دیتا ہوں، تاکہ قیامت نہ آنے کی وجہ معلوم ہو جائے :
’’۔۔۔ خدا ہی حافظ ہے۔ آج جاہل سے جاہل آدمی، جو ایک پوسٹ کارڈ صحیح نہیں لکھ سکتے، پارلیمنٹ کے ممبر ہو رہے ہیں۔ منتری (وزیر) ہو رہے ہیں۔ گورنر ہو رہے ہیں۔ اور ہزارہا کی تعداد میں بڑے بڑے افسر ہو رہے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ ایسے جاہل لوگ یونئن اور صوبہ جاتی پبلک سروس کمیشن کے ممبر ہو رہے ہیں، پروفیسر ہو رہے ہیں، ہائی کورٹ کے جج ہو رہے ہیں۔۔۔ ‘‘
اب قیامت تو تب برپا ہوتی جب وہ بڑے لوگ فراق کی بات کی سنگینی کو سمجھے ہوتے۔ مطلب یہ کہ ہندستان میں فی الحال کسی تعلیمی انقلاب کی امید کرنا ایسا ہی ہے جیسے لومڑی کے بھٹ میں خرگوش کی پیدائش کا انتظار۔
تو کہاں ہیں وہ لوگ جو ہندستان ہی نہیں ساری دنیا میں تعلیم اور علم کی ناقابل بیان ترقی کے ڈنکے پیٹتے رہتے ہیں۔ اب اس بات کو بھی سمجھنا ہو تو پھر اسی کم بخت تاریخ کے بوسیدہ ورق پلٹنے پڑتے ہیں، اگرچہ لوگ اس سے آنکھیں چرانا چاہتے ہیں۔
چلئے یک سطری حوالوں میں بات کریں۔
سراج الدولہ کو۲۳ جون ۱۷۵۷ میں پلاسی کی جنگ میں شکست اور شہادت نصیب ہوئی تو ایک شاعر نے رو کر قوم سے پوچھا:
غزالاں تم تو واقف ہو، کہو مجنوں کے مرنے کی د و ا نہ مر گیا ، آخر کو ویرانے پہ کیا گزری؟
ابھی کوئی اس سوال کا جواب نہیں دے پایا تھا کہ ۱۶ نومبر ۱۷۶۴ کو بکسر کی جنگ ہو گئی جس میں سب سے زیادہ صدمہ سلطنت مغلیہ کو اٹھانا پڑا۔ تیس پینتیس برس نہ گزرے تھے کہ ۴ مئی ۱۷۹۹ کو سرنگاپٹم کی جنگ میں اپنوں اور فرانسیسیوں کی بے اعتنائی کے بعد ٹیپو سلطان نے جان سے ہاتھ دھوئے اور قوم نے دنیا میں بننے والے سب سے پہلے میزائل، ان کے ڈھانچے اور خریطے سب کھوئے۔ اس جنگ سے پہلے ہی کمپنی بہادر نے ناخواندہ ہندستانیوں کی تعلیم کا بیڑا اٹھا لیا تھا اور ۱۵ جنوری ۱۷۸۴ کو کلکتہ میں ایشیاٹک سوسائٹی کی داغ بیل ڈال دی تھی۔ یہ فیصلہ جس جلسہ میں کیا گیا تھا اس کی صدارت فرما رہے تھے سر رابرٹ چیمبرس، جو فورٹ ولیم نامی تجارتی کوٹھی کے چیف جسٹس(اُف) سپریم کورٹ (مزید اُف) تھے۔ اور ٹیپو کی شہادت کے ۱۴ مہینے بعد ۱۰ جولائی ۱۸۰۰ کو آئرستانی اصل کے انگلستانی گورنر جنرل لارڈ ویلزلی نے فورٹ ولیم کالج قائم کر دیا تھا، جہاں اول تو عربی، فارسی، اردو، ہندی، سنسکرت، بنگالی، مراٹھی وغیرہ کے انگلستانی استاد مقرر ہو کر آئے اور دھڑادھڑ ان مقامی زبانوں کی علمی کتابوں کے ترجمے انگریزی میں شروع کئے گئے، نیز ورناکیولر جہلاء کے لئے قصہ گل بکاولی اور قصہ چہار درویش قسم کی کتابیں لکھوائی گئیں تاکہ اہل ہند کو بھی علوم اور سائنس اور ادبیات سے کچھ رغبت پیدا ہو اور وہ اور کچھ نہیں تو سرکار انگلشیہ میں کلرکی اور بہت ہوا تو منصفی کر کے اپنے بال بچوں کا پیٹ پالنے کے قابل ہو سکیں۔
ابھی یہ سب اہم کام ہو رہے تھے کہ ۹ مئی ۱۸۵۷ کو بڑی جنگ آزادی چھڑ گئی۔ اس سے سب کو فراغت ہوئی تو لوگوں نے کہا کہ اس جاہل قوم کو باقاعدہ تعلیم کی اشد ضرورت ہے۔ چنانچہ ملک کے کونے کونے میں کالجوں پر کالج قائم ہونے لگے اور گویا تعلیم کا طوفان آ گیا۔ اس جنگ سے تین سال پہلے جولائی ۱۸۵۴ میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے کورٹ آف ڈائریکٹرس کی طرف سے سر چارلس وُوڈ نے ایک ’’مراسلہ برائے تعلیم‘‘ گورنر جنرل آف انڈیا کے نام بھیجا کہ جلد از جلد کلکتہ، بمبئی اور مدراس میں یونیورسٹیاں قائم کی جائیں۔ چنانچہ کلکتہ یونیورسٹی ۲۴ جنوری ۱۸۵۷ کو، مدراس یونیورسٹی۵ ستمبر ۱۸۵۷ کو اور اسی سال بمبئی یونیورسٹی بھی قائم ہوئیں۔ علی گڑھ میں مہمڈن اینگلو اور ئنٹل کالج ۱۸۷۵ میں قائم ہوا۔ آئرلینڈ کی اینی بیسنٹ نے جولائی ۱۸۹۸ میں بنارس کاسینٹرل ہندو کالج قائم کیا جو ۱۹۱۶ میں لالہ لاجپت رائے کی کوششوں سے بنارس ہندو یونیورسٹی میں تبدیل ہو گیا۔
اب کوئی پوچھے کہ ۱۵ جنوری۱۷۸۴ سے اب ۲۲ جون ۲۰۰۹ تک ۲۲۵ سال چھ مہینے میں بھی ہندستان جاہل ہی رہا تو یا تو ان تلوں میں علم کا تیل ہی نہیں ہے کہ صاحبوں اور صاحبوں کے خدمت گزاروں کی سر توڑ کوششوں کے بعد بھی فراق کو دیس میں جہلا کے سوا کوئی نظر نہیں آیا، یا یہ خود فراق گورکھپوری کی نظر اور سمجھ کا فتور اور قصور تھا، یا پھر جو کچھ تعلیم کے نام پر اس خطہ کے لوگوں کو دیا گیا، دیا جا رہا تھا، اور دیا جا رہا ہے وہ سب ظالمانہ مذاق تھا اور ہے۔
ابھی کچھ دن پہلے اسی قسم کی ایک رپورٹ پاکستان کے بارے میں بھی دیکھنے میں آئی۔ اس پر تفصیلی تبصرہ تو کبھی بعد میں کریں گے، فی الحال یہ جاننا کافی ہے کہ اس رپورٹ میں بھی سارا رونا یہی رویا گیا ہے کہ ڈیڑھ سو برس سے سائنس کی تعلیم ہی نہیں دی گئی، ہاں کچھ ٹیکنیشئن وغیرہ پیدا کر دئے گئے۔ تو سرحد کے دونوں طرف حال ایک ہی سا ہے۔ علم نہیں ہے۔ تعلیم اور تعلیم گاہیں ہیں۔ دکانیں ہیں۔ جیب میں ٹکے ہیں تو منڈی سے تعلیم خرید لاؤ، اور اس تعلیم کی پونجی سے نوکری خرید لاؤ۔ بات بہت سے لوگوں کو بری لگے گی اور بہت بری لگے گی، مگر سچ یہ ہے کہ اگر اپنے دیسوں میں علم پایا جاتا تو لوگ تعلیم کے لئے بدیسوں کا رخ نہ کرتے۔ طرفہ تماشہ یہ کہ مسلمان تو اسلام کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے بھی انہی ملکوں کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کا رخ کرتے ہیں اور اس کے بعد دیسی مسلمانوں کو اسلام پر لیکچر دینے شروع کر دیتے ہیں۔ ان اعلیٰ ولایت ی ڈگریوں کا ادنیٰ درجہ میں بھی اپنے دیسوں میں استعمال ممکن ہوتا تو وہ لوگ برضا و رغبت اِن اجنبی ملکوں کے باشندے نہ بنتے، اگرچہ اس قلب ماہیت پر انہیں کچھ ایسا فخر بھی نہیں کہ جب بات کرتے ہیں تو بس وہی ’’اپنے ‘‘ دیسوں کی کرتے ہیں۔
سچ یہی ہے کہ یہاں علمی انحطاط نہیں علم کا فقدان ہے۔ سوال یہ ہے کہ جو لوگ بقول فراق کے ایک پوسٹ کارڈ صحیح نہیں لکھ سکتے وہ ان ملکوں کے حاکم کیسے بن گئے ؟ آخر وہ سب اٹھے تو اسی خاک سے ہیں۔ جو کچھ بھی تعلیم انہوں نے حاصل کی ہے وہ انہیں اداروں میں حاصل کی ہے جو پچھلی صدی سے مسلسل قائم کئے جا رہے ہیں۔ تو قصور ان اداروں کا ہوا یا ان میں پڑھنے والوں کا؟
فراق گورکھپوری نے تو پروفیسروں تک کو اس بے علمی کی زد میں رکھا ہے۔ اس کی ایک مثال تو مجھے یاد آتی ہے۔ چند سال پہلے کی بات ہے ایک یونیورسٹی کے ایک ہر دل عزیز استاد کا انتقال ہو گیا۔ سابق طلبہ کو بے حد صدمہ تھا۔ مگر صدمہ اس کا نہیں تھا کہ ایک لائق اور قابل اور ذی علم استاد فوت ہو گیا۔ تعزیت ناموں میں ان کی سب سے نمایاں قابلیت یہ بتائی جا رہی تھی کہ انہوں نے یونیورسٹی میں ملازمت کی اس کے بعد کاروبار کیا اور طلبہ کی خوب خوب مالی مدد کیا کرتے تھے۔ سوال یہ ہے کہ وہ کاروبار کرتے تھے یا پڑھاتے تھے ؟ بظاہر تدریسی اوقات کے بعد ان کا سارا فارغ وقت تو اپنے کاروبار کی دیکھ بھال میں گزرتا ہو گا، تو اپنے طلبہ کو پڑھانے کے لئے خود تو کیا پڑھتے ہونگے۔ خود کیا مطالعہ کیا ہو گا، کیا تحقیق کی ہو گی؟رہے وہ طلبہ جن کی مالی مدد کی ان کو گویا یونیورسٹی سے نیم تعلیم یافتہ نکلنے میں مدد کی۔ اور پھر اس یونیورسٹی کے نہایت اعلی تعلیم یافتہ افراد نے ان کے تعزیت نامے لکھنے میں فخر محسوس کیا۔
اسی بے تعلیمی کے اثرات ادب پر بھی پڑے اور پڑ رہے ہیں۔ فراق کا انتقال۱۹۸۲ میں ہوا۔ ان کے مندرجہ بالا تاثرات اس دور کے ہیں جب بر صغیر میں جدید ادب جڑیں پکڑ چکا تھا اور ترقی پسند ادب کے پیروں تلے سے زمین سرک چکی تھی۔ اس مدت میں کیا ادب تخلیق ہوا؟ بات یہ نہیں کہ کرشن چندر اور فیض، فاروقی اور منصوری نے کیا لکھا۔ بات یہ ہے کہ جو کچھ اس عرصہ میں لکھا گیا اس میں سے کتنا ادب کے خانے میں آتا ہے اور کتنا خود اپنے ادب کے بڑے ناموں کے ادب کے ساتھ رکھا جا سکتا ہے۔ مانا کہ ہر عہد میں میر، غالب اور اقبال بہت سے نہیں ہوا کرتے۔ لیکن اقبال کے بعد کوئی ایک نام جس کے باقی رہ جانے کا فیصلہ نہیں، امید کی جا سکے ؟
تو جس طرح قیادت ایسے لوگوں کے ہاتھ میں آئی جن کے مبلغ علم کی شکایت برملا کی جائے، ویسے ہی ادب بھی وہ لوگ تخلیق کر رہے ہیں جن کے رابطے اردوئے معلیٰ سے کاٹ دئے گئے۔ ابھی گزشتہ ہفتہ ایک خبر آئی کہ انگریزی زبان میں دس لاکھواں لفظ شامل ہو گیا ہے۔ ایک زبان کے پاس دس لاکھ الفاظ، وہ الفاظ جو روزمرہ استعمال ہو رہے ہیں اور جن کے سوتوں سے سائنس، افکار، دانش، آگہی اور معلومات کے چشمے پھوٹ رہے ہیں۔ فی الحال اس سے بحث نہیں کہ یہ ترقی یافتہ زبان خود کس معیار کا علم پھیلا رہی ہے۔ اس بحث کا تعلق تہذیبی اخلاقیات سے ہے اور یہ ایک مستقل موضوع گفتگو ہے۔ یہاں بس موازنہ کرنا ہے اس دس لاکھ لفظوں والی زبان کا اپنی بے مایہ اردو سے جس کے ذخیرہ میں اب شائد دس ہزار لفظ بھی نہیں رہے۔ زبان کو سادہ رکھنے کی ضد میں اردو کے نقادوں، شاعروں، ادیبوں، صحافیوں اور لسانی فلسفیوں نے اس زبان کے الفاظ کا وہ قتل عام کیا ہے کہ اس کے بولنے لکھنے والوں کے پاس اظہار خیال کا وسیلہ ہی ختم ہو گیا۔ یہی حال ہندی کاہے، جس کی شکایت کی ہے ادبی ہندتوا کے سرخیل فراق گورکھپوری نے، کٹر ترقی پسند اور سیکولر ہونے کے باوجود۔ اسی ہندی سے متاثر اردو کا حال اور بھی خراب ہے کہ اسے تو وہ سرکاری سرپرستی بھی میسر نہیں جو ہندی کو حاصل ہے۔
اور یہ سب اس لئے ہو رہا ہے کہ، بقول فراق، ’’ اردو کے کامیاب ادیب بھی وجدان اور شعور کی سنجیدگی حاصل کرنے سے محروم رکھے گئے ہیں ‘‘۔ کس نے محروم رکھا انہیں ؟یہ نظام تعلیم ہی تو ہے جو وجدان اور شعور کی سنجیدگی پیدا کرنے میں قطعی ناکام ثابت ہوا۔ اور پھر یہ سنجیدگی کیسے حاصل ہوتی ہے بجز گہرے مطالعے کے۔ بے شک بلند تعلیم کا کوئی تصور اب ہمارے پاس موجود نہیں۔ ایسا نہیں کہ ہم ہمیشہ سے ایسے ہی تہی عقل ہیں۔ سب کچھ تھا۔ مگر وہ سب اب نہیں رہا۔ اسی امتیازی وصف کو تو موجودہ نظام تعلیم نے ختم کیا۔ اور ان ملکوں کی آزادی کے بعد بھی اس میں کسی قسم کی اصلاح کا کوئی خیال کسی کو نہیں آیا۔ جن کو خیال آنا چاہیئے تھا اور جو اقتدار کی ان کرسیوں پر بیٹھے ہوئے تھے جہاں سے اصلاح کا کام شروع ہوتا وہ بھی تو اسی نظام تعلیم کے پیدا کئے ہوئے تھے جس کو اصلاح اور تبدیلی کی اشد ضرورت تھی اور ہے۔ اس اصلاح کے بغیر عوام میں گہرے مطالعہ کا ذوق اور شعور کی سنجیدگی کا کیا سوال ہے، سوائے ان معدودے چند افراد کے جن کا خاندانی پس منظر اور انفرادی شوق اور رغبت انہیں اس سمت مائل کر دیتی ہے۔ علم و عرفان اور وجدان کی منزلوں ہی کی خبر نہ ہو تو ان راہوں پر جاتا بھی کون ہے۔ یہ تو اب کس کو خبر رہ گئی کہ ذوق ہو تبھی شہود اور وصال کے مرحلے آتے ہیں۔ یہی نہ ہو تو کسی نے کیا دیکھا اور کیا پایا۔
برادر بزرگ، عابد اللہ غازی صاحب نے ایک بار بتایا تھا کہ کسی سال ہر سال کی طرح نوبیل انعامات کی خبریں آ رہی تھیں۔ شکاگو میں دوستوں کی کسی مجلس میں کئی اہل علم و دانش موجود تھے۔ ان سب نے امریکہ آ کر بڑی بڑی ڈگریاں حاصل کی تھیں۔ سب ہی اپنے میدانوں کے ڈاکٹر اور ماہر تھے۔ اکثر کا تعلق تدریسی کام سے تھا۔ ان کے درمیان نوبیل انعامات کا ذکر بھی اٹھا، تو حسب عادت و روایت کسی نے شکوہ کیا کہ نوبیل کمیٹی دانستہ مسلمانوں کے نظر انداز کرتی ہے۔ اکثریت اسی نقطۂ نظر کی ہمنوا تھی کہ ایک صاحب بول اٹھے کہ کیا واقعی کوئی مسلمان علم و تحقیق کی اس سطح پر ہے کہ اسے نوبیل انعام دیا جا سکے۔ یہ کیسے معلوم ہو۔ تو انہیں صاحب نے تجویز رکھی:
فرض کیجئے ہم لوگ جو اس کمرے میں بیٹھے ہیں نوبیل کمیٹی کے اراکین ہیں اور ہمیں کسی بھی میدان میں ایک مسلمان کو نوبیل انعام دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ہم لوگ امریکہ میں بسنے والے مسلمان اہل علم، پروفیسروں سے اور ان کے کاموں سے بھی ذاتی طور پر خاصے قریب سے واقف ہیں۔ تو چلئے نام تجویز کیجئے اور ان امیدواروں کے علمی تحقیقی کام کا غیر جانبدارانہ جائزہ لے کر کسی ایک شخص کا نام انعام کے لئے طے کیجئے۔
پورے امریکہ میں ایک بھی مسلمان پروفیسر، پی۔ ایچ ڈی ڈاکٹر اس قابل نہیں ملا کہ وہ مفروضہ کمیٹی نوبیل انعام کے لئے اس کا نام تجویز کر سکتی۔
یہ ہمارے اہل علم کے معیار علم کی حکایت ہے۔ نوبیل انعام بجائے خود کوئی بڑا اعزاز نہیں، سوائے اس کے کہ اہل مغرب نے اپنے دانشمندوں کے کام کا اعتراف کرنے کے لئے ایک ادارہ بنا دیا۔ ان کے پاس ایسے بے شمار ادارے ہیں جو اپنے معاشرہ کے مبتدیوں کو منتہی بنا کر اور اپنے کم علم افراد کو دانشوری کی بلندیوں تک پہنچا کر ہی دم لیتے ہیں۔ ہمارا امتیاز یہ ہے کہ اول تو معیار تعلیم ہی قابل ذکر نہیں اور جو کوئی فرد کسی میدان میں تھوڑی بہت جولانی دکھا دے تو معاشرہ میں اس کی ذات شکنی اور کر دار شکنی کے سامان مہیا کرنے والوں کی کمی نہیں، بلکہ اس کار خیر کے لئے بڑھ بڑھ کر اوروں اور غیروں کو بھی مدد کے لئے پکارا جاتا ہے۔ یہ منفی کارنامے دکھانے والے خود بے علمی اور نیم علمی کا شکار اور اسی نظام تعلیم کی پیداوار ہیں جو اُس دن سے اصلاح کا منتظر ہے جس دن اسے جنوبی ایشیا، مغربی ایشیا، مشرقی ایشیا، اور شمالی و جنوبی افریقہ کے سروں پر تقدیر کے طور پر تھوپ دیا گیا تھا۔
٭٭٭

زبان

نکتہ

اردو افسانے کی عمر ایک صدی ہے۔ اور اب افسانہ تمام اتار چڑھاؤ دیکھنے کے بعد اُس مقام پر ہے جہاں عالمی افسانے کے مقابل فخر سے پیش کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ برس ایک محفل میں یہ اعتراض کیا گیا تھا کہ اب ہمارے افسانوی ادب میں کوئی سعادت حسن منٹو، کوئی عصمت چغتائی، کوئی بیدی یا غلام عباس جیسا لکھنے والا سامنے کیوں نہیں آتا؟ دوسرے صاحب نے اِس کا جواب ایک اور سوال سے دیا۔ کہا، شاعری میں کوئی غالب، میر، انیس، اقبال، جوش، جگر، فانی کیوں سامنے نہیں آ رہے ؟اِن سوالات کا جواب تو (علی گڑھ اردو)کلب کے ممبران دیں گے۔ میں صرف یہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ اردو پھیلنے کے بجائے سمٹ کیوں رہی ہے ؟ادب کی طرف ہمارا رویہ سنجیدہ کیوں نہیں ہے ؟ہم اپنی آئندہ نسل کو اردو لکھنے پڑھنے کی طرف مائل کرنے میں کیوں ناکام ہوئے ہیں ؟
- سلطان جمیل نسیم
کنیڈ ا کے اردو افسانہ نگار
مرسلہ رضیہ مشکور، مدیرہ علی گڑھ اردو کلب، ستمبر ۲۰۰۹ کی کوئی تاریخ

گفتہ

ایک معروف ادیب ادبی حالات اور رویوں کے بارے میں جب عام آدمی سے سوال کرنے لگے تو جان لیجئے بات ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ اچھا ہوتا سلطان نسیم جمیل صاحب نے ان امور پر کم از کم اپنی رائے دی ہوتی۔ ایک نقطۂ نظر تو سامنے آتا۔ یہ بھی نہیں تو جس محفل کا تذکرہ کیا وہاں ان امور پر ہونے والی گفتگو پوری نہ سہی اس کا لب لباب ہی پیش کر دیا ہوتا تو یہ اندازہ تو ہوتا کہ اہل فکر کے فکر کی نوعیت کیا ہے۔ انتہائی درجہ میں یہ بھی پتہ نہیں کہ افسانہ اور نظم کے بارے میں منفی سوالات قائم کرنے والے دو اشخاص کون تھے۔ سچی بات یہ ہے کہ بات کرنے والے کا نام معلوم نہ ہو تو وزنی بات بھی ہلکی ہو جاتی ہے اور سنجیدہ گفتگو کے لئے متوجہ نہیں کرتی۔ یہ مغرب کے اہل جہل کا خیال ہے کہ یہ دیکھو کیا کہا ہے، یہ نہ پوچھو کہ کس نے کہا ہے۔ علمی نقطۂ نظر سے اور خود ہماری تہذیبی روایات میں تو بات صرف اسی وقت اہم اور محکم ہوتی ہے جب کہنے والے کا نام معلوم ہو اور اس کی گفتگو کے سیاق و سباق کا پتہ ہو۔ آدم کی فضیلت اللہ نے بیان کی اور ابلیس نے خود اپنی فضیلت کا دعویٰ کیا۔ فیصلہ ان فقروں کی بنیاد پر نہیں کیا گیا، بلکہ اس بنیاد پر ہوا کہ کس نے کیا کہا تھا۔ شیطان کا نام درمیان میں نہ ہو تو اس کے اظہار منم پر اس قدر سخت گرفت کا سبب واضح نہیں ہوتا۔
سلطان نسیم جمیل صاحب کے ان گمنام فقروں اور سوالات کو علی گڑھ اردو کلب پر تو حسب توقع مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ؛ مگر میں یہ نہیں کہوں گا کہ اس کا واحد سبب سوالات قائم کرنے والوں کا مجہول ہونا ہے، کیونکہ اس فورم پر نثر کو اتفاق ہی سے خاطر میں لایا جاتا ہے۔ البتہ کسی اور وسیع بنیاد محفل میں یہ بات ا پنے موجودہ انداز میں لوگوں کو سنجیدہ گفتگو پر مائل نہیں کرے گی۔
مثلاً یہ معلوم نہیں کہ اردو افسانہ کو عالمی سطح پر قابل فخر قرار دینے والے کون صاحب ہیں اور ادب و انتقاد میں ان کا مرتبہ و معلومات کیا ہیں۔ قرینہ یہ ہے کہ یہ رائے خود سلطان جمیل نسیم صاحب کی ہے۔ اگر ان کی ہے تو بے شک قابل توجہ ہے۔ مگر مزہ کی بات یہ کہ یہ رائے اُس اگلے فقرہ کو رد کر رہی ہے کہ سال بھر پہلے کسی محفل میں کسی نامعلوم شخص نے اعلان کیا کہ ’’ اب ہمارے افسانوی ادب میں کوئی سعادت حسن منٹو، کوئی عصمت چغتائی، کوئی(راجندر سنگھ) بیدی یا غلام عباس جیسا لکھنے والا‘‘ نہیں ہے۔ یہ دونوں باتیں بیک وقت درست نہیں ہو سکتیں، مگر دونوں متضاد دعووں کے پیچھے دلیل اور حوالہ کوئی نہیں ہے۔
دوسرا خربطہ یہ ہے سلطان جمیل نسیم صاحب نے جس گفتگو کا حوالہ دیا ہے اس کے شرکاء کا دائرہ گفتگو ہی متعین نہیں تھا: افسانہ نگاروں میں صرف ترقی پسند دور تک دعویٰ محدود ہے، نہ اس سے پہلے کی کسی شخصیت کا ذکر نہ بعد کا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اعتراض کرنے والے کو منٹو سے پہلے کے ادب کی تو خبر بھی نہیں کہ اس میں راشد الخیری، ملا رموزی، اشرف صبوحی، سجاد حیدر یلدرم، مرزا فرحت اللہ بیگ بھی لکھتے تھے ؛جبکہ دوسرے معترض نے شاعری میں میر تقی میر (۱۸۱۰-۱۷۲۳) سے شروع کر کے جوش ملیح آبادی(۱۹۸۲-۱۸۹۸) تک اور کلاسیکی متقدمین و متوسطین سے ترقی پسندی تک تقریباً دو صدی کا اجمالی احاطہ کیا ہے۔ ایسے میں یوں بھی مرکوز اور مرتکز گفتگو کا بیونت نہیں بیٹھتا۔ پھر ان دعووں کے بعد خود سلطان جمیل نسیم صاحب کے قائم کردہ تین سوالات ہیں، جو بات کو بے حد پھیلا دیتے ہیں۔
ان تمام امور پر اجمالی بات کرنے کو بھی دفتر درکار ہے۔ بظاہر اس بات چیت کا کوئی فائدہ متصور نہیں۔ کچھ خیال آرائی کر بھی لی جائے تو یہ پتہ ہی نہ لگے گا کہ بات گوش گزار ہوئی یا دوسرے کان سے نکل گئی، یا کسی نے اس پر نگاہ غلط انداز ڈالنے کی زحمت بھی کی تھی۔
اس کے باوجود جب رضیہ مشکور سلمہا نے بلا حوالہ کے یہ عبارت فورم پر پیش کی تھی تو مجھے اس پر نکتگو کا یہ شمارہ لکھنے کی تحریک ہوئی تھی اور میں نے فوراً ہی رضیہ مشکور سے نجی طور پراس عبارت کے مصنف کا نام دریافت کیا تھا، کیونکہ نکتگو میں انہی نکتوں پر بات ہوتی ہے جن کے لکھنے والوں نام معلوم اور بات مستند ہو۔ اس میں استثناء صرف گزشتہ نکتگو کو ہے جس کا نکتہ مجہول الحال شخص کا بیان کردہ ہے۔ اس بار بھی نکتہ کسی مضمون یا ادبی تبصرہ سے نہیں اٹھا یا گیا بلکہ ہوا میں ڈولتے ایک پرزہ کی مبہم عبارت ہے۔
بایں ہمہ، اس نکتہ کو تھوڑے سے تجزیئے کی ضرورت ہے : اس میں تین دعوے کئے گئے ہیں اور تین سوالات اٹھائے گئے ہیں :
٭ اردو افسانہ کی عمر ایک صدی ہے اور اب وہ اس مقام پر ہے کہ عالمی افسانہ کے مقابل فخر سے پیش کیا جا سکتا ہے۔
٭ آج افسانوی ادب میں کوئی بڑا نام موجود نہیں ہے۔
٭ شعری ادب میں جوش کے بعد ایک بھی قابل ذکر شاعر نہیں ہوا۔
} اردو زبان پھیلنے کے بجائے سمٹ رہی۔ کیوں ؟
} ادب کے تعلق سے اہل اردو کا رویہ غیر سنجیدہ ہے۔ کیوں ؟
} نئی نسلوں کو اردو جاننے سے دلچسپی نہیں ہے۔ کیوں ؟
ان امور پر الگ الگ بحث کرنا لاحاصل ہے۔ فی الجملہ کچھ کہا جا سکتا ہے۔ دلچسپی ہو تو اس کی تشریح کر لی جائے۔
تو چلئے تھوڑی بہت بات تو کریں۔
اردو ادب کا تعلق تہذیب سے باقی نہیں رہا اس لئے وہاں برسوں سے سناٹا ہے۔
زبانیں خلائے محض میں نہیں بن جایا ک راجند تا بار بار اس نے دکھیا رتیں۔ ہر زبان کسی تہذیب کی دین ہوتی ہے اور تہذیب، نیز کمتر درجہ میں ثقافت، کسی مذہب کے عمرانی اور معاشرتی ظہور کو کہتے ہیں۔ اردو کی پشت پر دو مذہب تھے : ایک مقامی اساطیری دیومالا اور دوسرا آفاقی سائنسی اور منطقی طرز زندگی۔ دونوں کی اپنی اپنی تہذیبیں تھیں اور اپنی اپنی زبانیں بھی۔ ہندستان میں چونکہ عقیدہ کا تعلق معبود کی یکتائی سے نہیں تھا اس لئے کچھ حیرت کی بات نہیں کہ تھوڑے تھوڑے فاصلوں پر صرف لہجوں میں نہیں خود زبانوں، الفاظ، جملوں، حتی کہ لکھاوٹ تک میں بین فرق رونما ہوا۔ تاہم ان زبانوں کی ایک لسانی اصل اور اساطیری اعتقادی اظہار نے مقامی قدیم تہذیب کو ایک شناخت ضرور دی تھی۔ دوسری طرف شمال سے جب عرب، ایرانی، ترک، افغان کو ہ ہندو کش کے جنوب میں وارد ہوئے تو وہ دو بہت مالدار زبانیں - عربی اور فارسی - اور دو تہذیبیں - جدید اسلامی عربی اور قدیم ایرانی اسلامی - لے کر آئے۔ اس طرح وادی گنگ و جمن میں تین تہذیبوں کا امتزاج ہوا اور ایک نئی گنگا جمنی تہذیب بننی شروع ہوئی۔ اس نئی تہذیب کا تقاضہ ایک نئی زبان تھی جو بنیادی طور پر تین زبانوں کے امتزاج سے وجود میں آئی۔ جب تک اس تہذیب سے اس زبان کا واسطہ رہا اس میں اعلی پایہ کا فکر انگیز ادب تخلیق ہوتا رہا۔ جب اس تہذیب سے ربط ٹوٹ گیا تو زبان کمزور ہو گئی، اور اُس قوت اظہار سے محروم ہو گئی جو تہذیب کی سرپرستی اسے دے رہی تھی۔
موجودہ دور میں اردو ایک ایسی زبان ہے جس کا اب دنیا کی کسی تہذیب سے کوئی عمرانی رشتہ باقی نہیں رہا۔ گنگا جمنی تہذیب تو خود گنگا جمنا کے دوآبے میں غرقاب ہو چکی ہے۔ ہندستان بھرمیں ایک قسم کا تہذیبی نراج پھیلا ہوا ہے، جس میں ایک اردو ہی کیا ملک کی دیگر علاقائی زبانیں بھی بالیدہ فکر کی محتاج ہوتی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں پنجاب اور کراچی کے مابین شرمناک نسلی اور لسانی اور ثقافتی منافرت نے اردو زبان کے نئے تہذیبی امکانات معدوم نہیں تو موہوم ضرور کر دئے ہیں۔ زبان لکھاوٹ کے اعتبار سے تو باقی ہے مگر بے روح ہے اور اہل قلم کے خیالات عموماً بے رس ہیں۔
اس اجمال میں ان سوالوں کے تفصیلی جوابات ڈھونڈے جا سکتے ہیں کہ اردو میں اچھے اور یاد رکھے جانے کے قابل نثر و نظم نگار پیدا ہونے کیوں بند ہو گئے۔ لیکن اس کیفیت کے کچھ اسباب اور بھی ہیں۔ یہ تفصیل تو میں سرد جنگ کی سیاست کا ادب (دیدہ ور، شمارہ ۵ اپریل تا جون ۲۰۰۹) میں کر چکا ہوں، جس کا مطالعہ زیر نظر نکتہ میں اٹھائے ہوئے امور میں مفید ہو گا۔ تاہم چند باتوں کا ذکر مناسب ہے۔
ایک سوال یہ ہے کہ ملک بھی موجود ہیں اور ان میں زندگی بھی بظاہر ویسی ہی ہے جیسے سو پچاس سال پہلے تھی تو اردو کیوں بانجھ ہو گئی؟لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر معاملہ میں بہت فرق آ چکا ہے۔ برصغیر کا کسان اب پتلون زیب تن کر کے ٹریکٹر چلاتا ہے۔ تو کیا پتلون پہننے یا ٹریکٹر چلانے سے اردو کمزور ہوتی ہے ؟ نہیں۔ اردو کمزور ہوئی ہے لباس اور طرز زندگی کو تبدیل کرنے والے ذہن کی تبدیلی سے۔ اس ذہنی تبدیلی نے جسے ترقی اور پیش رفت کا نام دیا گیا ہے ہمیں اپنے تمام فکری اور ادبی سرمائے سے ذہنی اور تہذیبی طور پر دور کر دیا ہے۔ ابھی گزشتہ ہفتہ سلمان غازی نے ایک غزل علی گڑھ اردو کلب پر شائع کی تھی جس کا ہر شعر ایک ایسی تلمیح سے عبارت تھا جس کا تعلق کسی نبیؑ سے تھا۔ ذرا ذہن پر زور ڈالئے اور بتایئے کہ گزشتہ چالیس برس میں کتنے اشعار میں ایسی تلمیحات استعمال کی گئی ہیں ؟ تقریباً صفر۔ لیکن اسی مدت میں بے شمار ایسے اشعار ملیں گے جن میں صلیب کا استعارہ مسیحی مذہبی مراد میں استعمال کیا گیا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے کشمیر کی ایک نئی شاعرہ نے ایک نظم میں مگدالین کا استعارہ استعمال کیا تھا۔ مگدالین کے بارے میں کلیسا کے اندر بڑا ذہنی خلجان ہے۔ عیسائی یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ حضرت عیسیٰؑ پر ایمان لائی تھیں اور عشائے ربانی میں شریک واحد خاتون تھیں، اور یہ بھی کہ عشائے ربانی میں تو صرف مرد حواری شریک تھے، کوئی خاتون وہاں تھی ہی نہیں، اور یہ بھی کہ وہ اس زمانے کی ایک طوائف تھیں، اور یہ بھی کہ وہ حضرت عیسیٰ کی بیوی تھیں۔ ایک روایت یہ بھی ہے کہ عیسائی عقیدہ کے مطابق (مفروضہ طور پر)مصلوب ہونے کے تین دن بعد حضرت عیسیٰؑ دوبارہ زندہ ہوئے تو ان سے ملاقات اور اس ملاقات اور حیرت انگیز واقعہ کی روایت کرنے والی واحد ہستی مگدالین کی تھی۔
مگدالین اور صلیب وغیرہ اردو کی تہذیبی تلمیحات اور محاکات نہیں ہیں۔ ان سے انگریزی اور دیگر مغربی زبانوں کا ادب ضرور مرتب ہوتا ہے، اس حد تک کہ انگریزی کا رومانوی شاعر بائرن سلطنت عثمانیہ کے خلاف ایک جنگجو سپاہی کے طور پر یونان کی جانب سے جنگ میں شریک ہوتا ہے اور ہیبرو میلوڈیز (عبرانی نغمات -Hebrew Melodies) نامی ایک مجموعہ کلام بھی شائع کرتا ہے۔ وہ شاہنامہ اسلام یا رامائن کا ایک منظر لکھنے پر قادر نہیں تھا، اسی طرح جیسے قتیل شفائی اور ہری چند اختر ہومر کا قصیدہ نہیں لکھ سکتے تھے۔ مگر اب ادبی مطالبہ یہی ہے۔ کچھ سمجھ میں آیا کہ دم عیسیٰ اور قم باذن اللہ کی جگہ صلیب اور مگدالین اردو ادب میں کیوں آ گئیں ؟
اہل ذوق خوب اندازہ کر سکتے ہیں کہ اردو شاعری کی تلمیح موسیٰ و طور و تجلی اور انگریزی ادب کے عبرانی نغمات میں کیا تہذیبی فرق ہو سکتا ہے۔ سادہ لفظوں میں حاصل کلام یہ ہے کہ اردو ادب میں مغربی تہذیب، مذہب اور ادب کے پیوند لگا دئے گئے اور وہ خود اپنے ادبی فکری تسلسل سے کٹ گئی۔ اردو میں سونیٹ لکھنا اور اب جاپانی ہائکو کہنا قابل فخر ٹھہرا۔ اردو نظم کے اسالیب کو دقیانوسی قرار دے کر رد کر دیا گیا۔ مگر کس نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ سونیٹ اپنی اصل میں یونانی نہیں تو اطالوی اسلوب ہے اور اس کا آغاز۱۳۳۲ کے آس پاس مانا جاتا ہے، اور ہائکو کا آغاز مزید پانچ سو سال پہلے نویں صدی میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود نظیر اکبرآبادی کا ترجیع بند اسلوب تو دقیانوسی ہوا، سونیٹ اور ہائکو تازہ اصناف ادب شمار ہوئیں۔
تہذیب سے زبان کا تعلق اس لئے بھی ضروری ہے کہ تہذیب زبان کو الفاظ دیتی ہے۔ ہم اردو میں سٹیشن، پین، پینسل، شوز، ٹرین، کار، بس، کچن، کارپیٹ، پینٹ، شرٹ، برش، ٹوتھ پیسٹ، جگ، مگ، ماچس، روڈ، سٹریٹ، ٹائم، سیکنڈ، منٹ، واچ، وال کلاک، فریم، فلم، مووی وغیرہ بیشمار الفاظ بے تکلف استعمال کر رہے ہیں۔ ذرا سوچئے ان میں کتنے الفاظ کے مترادفات اردو کے پاس موجود اور ہمارے پاس متروک ہیں ؟ ایک فلمی نغمہ کے الفاظ ہیں : یونہی کوئی مل گیا تھا سر راہ چلتے چلتے۔ کیا اس ٹکڑے کا مفہوم راہ کے بجائے روڈ یا سٹریٹ کہہ کر ادا ہوتا ہے ؟ کیوں نہیں ہوتا؟اردو میں جگ مگ کا کیا مطلب ہے، انگریزی میں جگ مگ کیا ہوتا ہے ؟مختصر یہ کہ اردو نے غیر زبانوں کے لاتعداد الفاظ اختیار کر لئے مگر نہ تو ان الفاظ کی تہذیب ہی اردو میں آ سکی اور نہ وہ الفاظ اردو کی تہذیب میں رچ بس سکے۔ تو الفاظ بے روح رہ گئے۔ ان سے محاورے نہیں بنے۔ ان میں لفظی مطلب ادا کر نے سے زیادہ کی قوت پیدا نہ ہوئی۔ اردو تہذیب کا پروردہ لفظ قلم جو مفاہیم ادا کرنے پر قدرت رکھتا ہے وہ نیا لفظ پین ہر گز ادا نہیں کرتا۔ یقین جانئے صرف اردو کا پرانا مہذب شاعر یہ کہہ سکتا تھا کہ رکھ دیا سر ان کے پائے ناز پر، دیگر زبانوں میں یہ تلمیح ادا ہونا تو دور کی بات، آج کے اردو شاعر کو تو اس فقرہ کے معانی کا ادراک بھی نہیں رہا۔ قصہ مختصر، زبان بانجھ ہو گئی، اس کے بولنے والے گونگے ہو گئے۔ دوسری زبانوں سے الفاظ تو انگریزی نے بھی لئے، مگر وہ ان لفظوں کی محتاج کبھی نہیں ہوئی۔ اور ان لفظوں کے پھیر میں وہ اپنا محاورہ اور اپنی اساسی لفظیات کو نہیں بھلا بیٹھی۔
سیدھی سادی زبان میں یہ کہ ایسی اردو میں نہ بڑا شاعر پیدا ہو سکتا ہے نہ بڑا افسانہ نگار۔ ان کے موضوعات تک دس اور ی اور درآمدی ہیں۔ ممتاز مفتی کے صاحب حال و قال ہونے کی گواہی دینے کو تو قدرت اللہ شہاب نے پوری ایک کتاب لکھ دی، لیکن انہی ممتاز مفتی کے تمام نہیں تو اکثر افسانے فرائڈی صنفی نفسیات کے الجھاووں سے ابھرتے ہیں اور خود انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے فرائڈ کو بہت پڑھا ہے۔ مگر یہ بات قابل غور ہے کہ آج کے نکتہ میں نثریات پر معترض صاحب نے ممتاز مفتی کا نام اردو کے قابل ذکر افسانہ نگاروں میں شامل نہیں کیا۔ جن کے نام شمار کئے ہیں خود ان کی تخلیقات کا چولا تو اردو کاہے مگر باقی اردو کا کیا ہے۔ منٹو بہت بڑے افسانہ نگار ہوئے تو لکھنو کے ریختی گو شاعروں کو ادب کی چٹائی پر کسی نے کیوں نہ بیٹھنے دیا؟ آخر سعادت یار خاں رنگین، انشا ء اللہ خان انشا اور جان صاحب بھی تو ایک خاص قسم کی مریضانہ نسوانی نفسیات اور نفسی عارضوں ہی کا بکھان کرتے تھے نا! نہ۔ نہ۔ رنگین اور جان صاحب کا تعلق - آج کے ادیب و شاعر کی طرح - زبان سے تو تھا، اس کی تہذیب سے نہیں تھا۔ انشا کا جتنا تعلق اس تہذیب سے رہ گیا تھا، اس کی داد ان کو مل گئی، باقی وہ بھی رد ہوئے۔ فرق اتنا ہے کہ ریختی انیسویں صدی کی ایجاد تھی، منٹو سو سال بعد کا نام۔ یہ سرسری بات نہیں، قابل غور نکتہ ہے۔
اب وہ تہذیب تو شائد واپس آئے گی نہیں، بلکہ وہی تہذیب اور ادب فروغ پائے گا اور پا رہا ہے جس پر سے منٹو، عصمت، اور بعد میں واجدہ تبسم نے ڈھکن اٹھا دیا تھا۔ تو لوگ اس لئے بھی اردو نہیں پڑھتے کہ منٹو کے بعد کا ادب تو لارنس اور نابوکوف کے ہاں انگریزی میں ملتا ہے، اور جن باتوں پر بقول شخصے منٹو صاحب بڑے شدید ادبی صدمے کا اظہار کرتے تھے وہ تو اب گلی گلی، کوچہ کوچہ کھلے عام پیش آ رہا ہے۔ اب تو کوئی اس پر شرماتا بھی نہیں، اتنا بھی نہیں جتنی عصمت چغتائی شرما لیتی تھیں۔
طرفہ ستم یہ کہ بات تو ہوتی ہے اردو ادب کی اور اسے آنکنے کے لئے لسانی اور تنقیدی پیمانے انگریزی سے اٹھائے جائے جاتے ہیں۔ اب یہ کہنا کہ سو سال میں اردو افسانہ ’’ عالمی افسانے کے مقابل فخر سے پیش کیا جا سکتا ہے ‘‘، نیز یہ کہ یہ افسانہ منٹو، عصمت، وغیرہ کاہے تو اول تو دنیا میں کتنے لوگوں نے اردو افسانہ کا قصیدہ پڑھا ہے، سوائے ہمارے ؟ دوسرے یہ افسانہ اسی عالمی تہذیب کے شاخچوں کا بیانیہ ہے جو اردو میں جڑیں نہیں نکال سکی۔ اس لئے ہم خود ہی یہ ب اور کر تے ہیں کہ آج کا امریکی افسانہ نگار جو بات کرتا ہے ہم بھی وہی بات کرتے ہیں تو ہم بھی عالمی درجہ کے ادیب شاعر ہوئے۔ بھائی اقوام متحدہ کی عمارت کے سیاح اور اس میں کام کرنے والے سفارت کار کے مابین زمین آسمان کا فرق کبھی ناپنے کی کوشش کرو۔ سچائیاں ہم سے بہت دور نہیں بستیں۔
آخر میں ان تین سوالوں پر بھی کچھ بات کر لیں جو سلطان جمیل نسیم صاحب نے خود اٹھائے ہیں۔ پہلا سوال ہے کہ اردو پھیلنے کے بجائے سمٹ کیوں رہی ہے۔ اس کا کچھ اندازہ تو اوپر کی گفتگو میں ہو گیا ہو گا۔ باقی بات یہ ہے کہ زبان اپنے بل بوتے پر ترقی کرتی ہے اور اپنے ذخیرہ الفاظ کی وسعت یا تنگی کے نتیجہ میں پھیلتی یا سمٹتی ہے۔ اردو کا ادب ۱۹۳۶ کی لکھنو کانفرنس کے بعد سے اردو کا نہیں رہا۔ لکھنو میں اسے سجاد ظہیر، ملک راج آنند اور منشی پریم چند نے لینن کی بارگاہ کا چاکر بنا کے ماسکو کی سیاست کا آلہ کار بنا دیا تھا۔ منٹو، عصمت، وغیرہ اسی سیاسی کمیونزم کے ادبی فیوڈلزم کی دین تھے۔ ان کے افسانوں میں ناموں اور مقامات اور رسم الخط کے سوا اردو کا کچھ نہیں تھا۔ یہ بہت طولانی امر ہے۔ اسے سمجھنے کے لئے رشید احمد صدیقی کی نظر سے اردو ادب کا از سر نو مطالعہ کرنا پڑتا ہے۔ اس کی فرصت ہو تو بات کرنے کی ضرورت نہیں رہتی، فرصت نہ ہو تو بات ہی کیا ضروری ہے۔
ترقی پسندی والے اشتہاری نام ابھی مٹے نہیں تھے کہ امریکہ اور سی آئی اے کی سرپرستی میں جدید ادب کی تحریک نے اردو ادب کو امریکی سیاست اور اس سیاست کی نفسیات کا باجگزار بنا دیا، سو وہ آج تک یہی ہے۔ پڑوس کے قمقمہ سے اپنے آنگن میں مکر چاندنی تو پھیل جاتی ہے مگر کمرے روشن نہیں ہوتے کہ وہاں بیٹھ کر کوئی کلیات مومن یا فسانۂ آزاد ہی پڑھ لے۔ جو ادب اپنی تہذیبی نفسیات سے نہ ابھرے وہ اپنی زبان کی توسیع کرنے کے قابل نہیں ہوتا۔
لسانی اور اد بی سطح سے ہٹ کر، جس زبان میں روڈ، سٹریٹ، منٹ، سیکنڈ، پین، شوز کے مترادفات، اپنی تلمیحات، اپنی محاکات، اپنے محاورے بھی رد کر دئے جائیں اس بے چاری میں تو بولی کے طور پر پھیلنے کی صلاحیت بھی باقی نہیں رہے گی۔
مغربی ملکوں ہم جیسے اردو والے جو آ کر بس گئے ہیں وہ اپنی تھکی ماندی زبان میں کچھ غم غلط کر لیتے ہیں۔ اگلی نسل کو نہ اس زبان سے دلچسپی ہو گی نہ اس کے ادب سے۔ ہم جیسوں کا ادب بھی اک طرفہ تماشہ ہے۔ عذرا نقوی نے آنگن جب پردیس ہوا میں کئی کہانیاں قیام کینڈا کے تجربات پر لکھیں۔ شکیلہ رفیق بھی دوسری عذرا نقوی ہیں۔ نعیمہ ضیا ء الدین جرمنی کی تہذیبی نراشا کا بیان کرتی ہیں۔ تو یہ سب کس تہذیب کا بیان ہے ؟ پھر ہندستان پاکستان میں مشکل ہی سے کسی کو ان کہانیوں کے بین السطور تک رسائی ہو گی۔ اور ہو جائے تو اس خطہ کے اپنے غم کچھ کم ہیں جو وہ اپنی دوچار آہیں کنیڈا، امریکہ جرمنی، انگلستان کے ایشیائی اردو والوں کی خاطر دل سے نکالیں۔ اور جو ادب پاک و ہند میں لکھا جا رہا ہے وہ معیاری ہو بھی تو اِدھر کے دور دیسوں کی نئی نسلوں کے جذبات اور زندگی سے ہم آہنگ نہیں ہے۔ سو فقط لسانی نہیں تہذیبی رشتہ بھی باقی نہیں رہے گا، اب وہ جیسا بھی اور جتنا بھی رہ گیا ہو۔
اسی سے سلطان جمیل نسیم کے دوسرے سوال کا کچھ جواب بھی مل جاتا ہے۔ ادب کے بارے میں ہمارا رویہ سنجیدہ کیوں نہیں ؟ بھائی سچی بات یہ ہے کہ خود ادب کا رویہ ہمارے ساتھ سنجیدہ نہیں رہا تو عام اردو والے کی کیا شکایت۔ ہماری بات کون ادیب شاعر کرتا ہے ؟ اس کے موضوعات تو بقول شخصے عالمی ہیں، یہ دنیا عالمی گاوں بن گئی تو بس اس کی بات کرو۔ مگر اس گاوں میں میرا آپ کا گھر کہاں ہے ؟ کہیں بھی تو نہیں۔ پھر یہ میرا گاوں بھی کہاں ہے ؟یہ بات ذرا عمرانی تناظر میں دیکھئے۔
پاکستان کی حالت تباہ ہے۔ روز بم پھٹتے ہیں۔ خانہ جنگی میں جان مال کی سلامتی ختم ہو گئی۔ سیاست داں نا اہل۔ فوج خود اہل وطن سے بر سر پیکار۔ تجارت و صنعت کا دیوالہ نکل چکا ہے۔ ہندستان کا حال دگر گوں۔ مسلمان ہو تو بمبئی اور دلی میں کرایہ پر گھر بھی نہیں ملتا۔ ان کے محلوں میں میونسپلٹی صفائی کا انتظام تک نہیں کرتی۔ سیاست داں بدعنوانیوں میں مبتلا۔ پارلیمان میں وہ لوگ بیٹھے ہیں جن پر قتل کے مقدمات قائم ہیں۔ تاجر اور صنعتکار پرلے درجہ کا دھوکہ باز۔ بے ایمان دکھاتا کچھ ہے باندھ کر گاہک کو دیتا کچھ اور ہے۔ دن دہاڑے عورتوں کی آبرو ریزی ہوتی ہے اور کسی کی آنکھ شرم سے جھکتی ہے نہ ہاتھ غیرت سے اٹھتا ہے۔ ان حالات سے بد ظن بد دل ہو کر لاکھوں لوگ امریکہ، برطانیہ، کینڈا وغیرہ آ کر بس گئے۔ یہاں بیٹھ کر پیٹ بھرا ہو تو دیس یاد آتا ہے کہ ایک ہمارے سوا باقی سب تو وہیں رہ گیا۔ اس نئے دیس میں ایسے ہیں جیسے ریلوے سٹیشن پر کبھی نہ آنے والی گاڑی کا انتظار کر رہے ہوں۔ تو ہم ہندستان پاکستان کے رہے نہیں، اور اپنے نئے دیسوں کے بن نہیں سکے۔ بے مکانی کی اس کیفیت میں کس کا گھر کہاں کا گھر۔ کس زمیں کی بات کریں، کس دیس کا قصہ لکھیں۔ کس سماج کے گن گائیں۔ کن غموں کا دکھڑا روئیں۔ خود پاکستان ہندستان میں پھیلی ہوئی ہزاروں برائیوں پر لکھ کر کسے یہ امید ہوتی کہ اب نہیں دس سال بعد وہاں کا سماج بہتر ہو جائے گا۔ منٹو کی ایک سلطانہ بے شمار سلطاناؤں میں تقسیم ہو کر چپہ چپہ پر بکھری ہوئی ہے۔ یہی منشا تھا منٹو کا؟ آج کا افسانہ نویس اس حالت میں مزید ابتری کی امید پر لکھنا چاہے تو ضرور لکھے کہ یہ سب تہذیبی تقاضے بھی وہیں سے آ رہے ہیں جہاں سے ادب کا اسلوب اور موضوعات در آمد کئے گئے ہیں آج کے ادیب شاعر کا بھی کل وہی حشر ہونا ہے جو آج منٹو صاحب کا ہوا۔
تو یہ ہے وہ عالمی گاوں جس میں اپنا گھر رہا نہیں اور بے گھری مقدر ہوئی۔ بے گھر لوگ ادب نہیں لکھا کرتے۔ ان سے کیوں پوچھتے ہو کہ ادب کی بابت رویہ سنجیدہ کیوں نہیں۔ بھائی آدمی کو اپنی کہانی سے دلچسپی ہوتی ہے۔ آج کی نفسی نفسی میں دن میں پچیس بار ٹیلیوژن پر جگ بیتی دیکھ دیکھ کر تھک گیا ہے آج کا انسان۔ اس کا تو ہمہ جہتی رویہ غیر سنجیدہ ہو چکا ہے۔
اس میں ایک پہلو امید کاہے۔ کھول دو اور لحاف کے واقعات اتنے نادر تھے کہ لکھنے والوں نے ان پر چونکانے والے افسانے لکھ ڈالے۔ اب تو یہ واقعے روز مرہ بن گئے۔ اتنے غیر اہم کہ اخبار بھی ان پر توجہ نہیں دیتے۔ تو ادب کو نادر واقعات شائد اسی گم گشتہ تہذیب کے ملبے میں مل جائیں۔ آثار قدیمہ کی ان کھدائیوں پر کوئی دھیان تو دے کر دیکھے۔ شائد زندگی کی پگڈنڈی کا سراغ ملے۔
رہی آخری بات کہ نئی نسلوں کو اردو جاننے سے دلچسپی کیوں نہیں، تو اس کا جواب تو مل چکا ہے۔ پھر بھی، ایک بات قابل توجہ ہے۔ اردو نئی نسل کی زبان نہیں ہے۔
میرے ایک دوست ہیں۔ رسول احمد کلیمی۔ باقاعدہ انجنئر ہیں۔ پھر چار سال تک ہومیوپیتھی بھی دل لگا کر پڑھی۔ ساری عمر بنکاری کی، یعنی اقتصادیات پر بھی گہری نظر پیدا کی۔ اس کے بعد شاعری کی۔ ایک مجموعہ کلام آ چکا ہے۔ نثر بھی جب لکھتے ہیں شگفتہ لکھتے ہیں۔ مطلب یہ کہ ہر وہ بات سیکھ لی جس میں وقت، حالات یا مزاج نے ان کی دلچسپی پیدا کر دی۔ مگر اس سب سے پہلے انہوں اردو سیکھی۔ اسے سینے سے لگایا۔ دل میں بسایا۔ دماغ میں اس کی جڑوں کو پانی دیا تو ان کی انجنئری نے ادبی ذوق کو نقصان پہنچایا نہ ڈاکٹری نے شاعری کرنے سے روکا۔ مشتاق احمد یوسفی اور جمیل الدین عالی بھی تو ساری عمر بنکوں کے کھاتوں میں ہندسے ہی گنتے رہے۔ مگر اس کے علاوہ بھی کچھ کرتے رہے۔ آج کی نسل میں تو ایسے لوگ بھی نہ رہے۔ اس نسل کو اردو سے دلچسپی نہیں ہے۔ وہ بس انجنئر ہے، بنکار ہے، ڈاکٹر ہے۔ ایک تکنو کار نے اردو کی چند تحریریں دیکھ کر کہا اس میں بہت سے لفظ سمجھ میں نہیں آتے۔ میں نے کہا ایک لغت خرید لو۔ بولے یہاں تو ملتی نہیں۔ میں عرض کیا پاکستان سے منگوا لو۔ انٹر نیٹ پر بھی خریدی جا سکتی ہے۔ وہ لغت منگوا لیں گے تو انہیں فائدہ ہو گا اور ان بچوں کو اپنی اصل کی خبر رہے گی۔ بہر حال یہ بات ہے اسی ملک کے ایک سابق باشندے کی جہاں سے کلیمی آئے ہیں، جہاں یوسفی اور عالی رہتے ہیں۔
دوسرا پہلو یہ ہے کہ جوش، جگر، فانی، منٹو اور غلام عباس کے زمانے سے ہم یہ شور کرتے آ رہے ہیں کہ زبان وہی باقی رہتی ہے جس کا رشتہ معاش سے جڑا ہو۔ کسی کو خیال نہ آیا جب ہندستان میں فارسی سرکاری زبان تھی تو اس دور میں ہندی، بنگالی، پنجابی، مراٹھی، اڑیہ زبانیں کیوں زندہ رہ گئیں۔ ان میں سے تو کسی کا بھی رشتہ معاش سے نہیں تھا؟دو ہزار برس تک یہودی سارے یورپ میں مارے مارے پھرے، وہ کبھی جرمن بولتے، کبھی انگریزی، کبھی پولش، کبھی روسی، کبھی فرانسیسی، کبھی ولندیزی، کبھی اِڈّش۔ تو پھر یہ عبرانی زبان جس کا دو ہزار سال تک کوئی دور کا رشتہ بھی معاش سے نہیں رہا تھا کیوں زندہ رہ گئی؟
سوچ کا یہ طرز ہمارے پاس کہاں سے آیا تھا؟ معاش کو زندگی کا سب سے بڑا مقصد بنانے والا ہمارے ادب میں کون تھا؟یہ وہی تھے نہ جنہوں نے لکھنو میں اردو والوں کی جتھا بندی کر کے ان کے دماغوں میں بٹھایا تھا کہ انسان معاشی جانور ہے، اس وقت بھی جب وہ ادبی جانور ہوتا ہے۔ اور پھر اس کے بعد ادب میں جو گروہ آیا اس کا سیاسی عقیدہ تو موسوم ہی اس اقتصادی عمل سے ہے۔
سارا قصہ ذاتی دلچسپی کاہے۔ اور ذاتی دلچسپی پیدا ہوتی ہے ادب میں اپنی بات سے۔ امسال ادب کا نوبیل انعام ایک ایسی مصنفہ کو ملا ہے جس نے رومانیہ کے سابق کمیونسٹ ڈکٹیٹر کے خلاف ناول اور افسانے لکھے ہیں۔ تو بھئی ہمارے ہاں بھی تو نسیم حجازی نے سفید جزیرہ لکھا تھا۔ انعام کی بات چھوڑئے، وہ تو سیاسی مقاصد کے تحت دئے جاتے ہیں۔ دل پر ہاتھ رکھ کر بتایئے ہرٹا مُلر اور نسیم حجازی میں سے کون آپ کے دل کی دھڑکن کے قریب ہو گا؟
پھر سوچئے کہ کیا وجہ ہے کہ اس ساری عالمی بکواس کے باوجود نوے فی صدی اردو والوں کو انگریزی ادب سے دلچسپی نہیں ہے۔ سر سید اسی غم میں جان سے گزر گئے۔ حالی یہی دکھڑا روتے دنیا سے سدھارے۔ شبلی یہی تمنا لے کر استنبول سے واپس اعظم گڑھ آئے کہ بھائی ترقی کرنے کے لئے ضروری ہے کہ انگریزوں کی طرح رہنا سیکھو۔ ان کی تہذیب، ان کا رہن سہن، ان کا ادب، ان کی شاعری سب قابل نقل ہے۔ حاصل کیا نکلا؟ڈیڑھ سو برس بعد گیان چند جین نے انگریزی کی لا طائل اور فضول لسانی بحثوں کو اردو میں ترجمہ کر کے اپنے نام سے چھاپا تب بھی دو چار کے سوا کس نے ان کی کتابیں پڑھیں ؟ ان باتوں سے ادب غیر دلچسپ ہو گیا۔ زندگی سے اس کا رابطہ کٹ گیا۔ تہذیب سے پہلے ہی وہ دور ہو چکا تھا۔ تو بچہ ٹونکل ٹونکل لٹل سٹار گاتا ہے۔ اسے پتہ ہی نہیں - اسے کیا اس کے تو ماں باپ کو پتہ نہیں - کہ مولوی اسمٰعیل میرٹھی، شفیع الدین نیر، یکتا امروہوی، حامد اللہ افسر نے بھی بچوں کے لئے کچھ لکھا تھا۔ ہانس کرسچیان انڈرسن نام کے ہجے کی بھی بچہ کو خبر ہے، م۔ م۔ راجندر، افتخار احمد اقبال، عذرا کاظمی، سعید الدین پراچہ، سید ابو تمیم فریدآبادی، مقبول احمد سیوہاروی، محمد حَسِین حسان، عبد الغفار مدھولی کو نہیں جانتے وہ۔ کون جانتا ہے، کون جاننا چاہتا ہے کہ سو پچاس سال پہلے یہ لوگ اپنے دور کے بچوں کو اس تہذیب سے جوڑا کرتے تھے جو درد، غالب، رتن ناتھ سرشار، اقبال، جگر، فانی، تاجور نجیب آبادی، اے۔ حمید اور ایم اسلم پیدا کیا کرتی تھی۔
اور ہاں کسی کو خبر ہو تو ذرا بتائے کہ ترقی پسندوں اور جدیدوں میں کسی ایک نے کبھی اس نسل کے لئے بھی کچھ لکھا ہو جو دیکھنے میں بھی بالکل بچہ ہوتی ہے !
٭٭٭

لفظ سازی

نکتہ

کوئی چالیس سال پیشتر جب میں فلکیات پر ایک کتاب مرتب کر رہا تھا تو میں نے Nova, Super Nova, Super Super Nova کے لئے بالترتیب نو تارا، عظیم نوتارا، مہا عظیم نو تارا کی اصطلاحات استعمال کیں، یہ جانتے ہوئے بھی کہ تارا کی بجائے تارہ مستعمل ہے۔ میرے ہندی اور اردو (یا عربی) الفاظ کو ملانے پر میرے زبان داں دوستوں نے اعتراض کیا۔ جب میں نے مرحوم ڈاکٹر سید عبد اللہ (سابق پرنسپل اور ئنٹل کالج لاہور) سے اس سلسلہ میں استفسار کیا تو ان کا جواب انتہائی عملیت پسندی پر مبنی تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ سائنس کے لوگ ہمیں جو اصطلاحات دیں گے ہم انہیں اپنی لغت میں شامل کر لیں گے۔ ان اصطلاحات کو وقت کی کسوٹی ہی سند عطا کرے گی۔
خادم علی ہاشمی
علی گڑھ اردو کلب- الفاظ اور ہجے پر ایک مباحثہ - ۳۰ جنوری ۲۰۱۰

گفتہ

زبانوں کے بارے میں ہم لوگ اس خوش فہمی کا شکار ہیں کہ انہیں ہم انسان بناتے ہیں اور ہمیں اختیار ہے کہ انہیں جس طرح چاہیں بگاڑ دیں اور جتنا چاہیں ایک زبان کو منفی یا مثبت رخ سے دوسری زبانوں پر فوقیت دیں۔ مگر جن لوگوں نے قرآن حکیم کا مطالعہ شعور اور علم کی غذا کے طور پر کیا ہے انہیں ایسے میں ایک آیت یاد آتی ہے جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ دنیا کی ساری زبانیں تو اللہ تعالیٰ نے خود بنائی ہیں :
’’ اور اس کی نشانیوں میں سے ہے کہ اس نے بنا دئے آسمان اور زمین اور تمہاری زبانوں اور رنگتوں کا اختلاف۔‘‘ (سورہ الروم ۳۰: ۲۲)
یوں کہنے کو جدید دنیا نے اکثر جاسوسی کی نیت سے بہت سی خفیہ اور علاماتی زبانیں بھی ’ایجاد‘ کی ہیں۔ ان ایجادات میں ایک اسپرانٹو ہے جو ایک پولستانی یہودی لدووچ لزارس زامنہوف نے ۱۸۸۷ میں بنائی تھی۔ مگر اس زبان کا حال یہ ہے کہ یہ اپنی اصل میں یورپی ہے اور اس کے الفاظ کی اکثریت یورپی زبانوں سے ماخوذ ہے۔ اس کا رسم الخط بھی قدرے فرق سے ساتھ رومن ہے۔
بہر حال زبان ایسی شے نہیں کہ انسان اسے بنا سکیں ؛ہاں اسے بگاڑنے، خراب کرنے، ملیامیٹ کرنے اور نیست و نابود کرنے کا پورا اختیار انسان کو ہے۔ اور جب انسان کسی زبان کو ختم کرنے پر تل جاتا ہے تو اسے یہ خیال تک نہیں آتا کہ وہ خود اپنے ساتھ کتنا بڑا ظلم کر کر رہا ہے، کیسا ستم ڈھا رہا ہے، کیسی بے انصافی کر رہا ہے اور کتنا عظیم نقصان کر رہا ہے۔
حضرت آدمؑ کونسی زبان بولتے ہوئے اس دنیا میں آئے تھے اور ان کی صلبی اولاد کی پہلی مادری ا ور پدری زبان کیا تھی؟ پھر وہ لوگ مختلف علاقوں میں بستے چلے گئے اور ان کی زبانیں آزاد فضا میں بدلتی چلی گئیں۔ وہ کیا زبانیں تھیں ؟ ان کے نام کیا تھے ؟کن علاقوں میں انہیں کونسی قومیں بولتی تھیں ؟وہ کیسے بنیں اور کیوں ختم ہو گئیں ؟ایسے بہت سے سوالوں کے جوابات ہمارے پاس نہیں ہیں۔ ہم ماضی کی صرف چند ہی زبانوں کے بارے میں جانتے ہیں۔ موئنجو داڑو کی زبان، اسوری، کلدانی، بابلی، قبطی، سنسکرت، پہلوی، پالی، باختری، انکائی، لاطینی۔ یہ سب زبانیں اب نابود ہو چکی ہیں۔ ان میں سے کچھ کے بطن سے کچھ نئی زبانوں نے جنم لے لیا۔ لاطینی سے رومی اور اب اطالوی، ہسپانوی، پرتگالی؛پراکرتوں اور پہلوی سے فارسی، ہندی، جرمن، انگریزی، بنگالی، گجراتی، پنجابی، وغیرہ اور اردو؛کلدنی، بابلی، اسوری سے ارامی، عربی، عبرانی، نبطی وغیرہ انسانوں کی ثقافت، تہذیب اور ادب کی شناخت بن گئیں۔ زبانوں کے دشمنوں کو خبر ہی نہیں کے اس دنیا کی سیر خود کتنی حیرتیں پیدا کرتی ہے اور ایمان تازہ کر دیتی ہے۔ کھلے دل و دماغ سے آدمی زبانوں کے جہاں کی سیر کرے تو یہ سیر بھی کسی راکٹ میں بیٹھ کر ستاروں کے جہاں کی سیر سے کم حیرت انگیز اور مسرت انگیز نہیں۔ اور اس جہاں کے ایک گوشہ ہی کا سفر کر لے تو آدمی زبانوں کی حفاظت کے لئے جان دے دے، زبانوں کو خراب نہ ہونے دے۔
اوروں کی بات چھوڑئے، اردو دیسوں میں جو بے شمار زبانیں بولی جاتی ہیں ان میں سے کتنی ہیں جو ایک ہی ملک کے مختلف باشندے سمجھ لیتے ہیں ؟کشمیری سرحد میں بے زبان، پٹھان بنگال میں پریشان، ملیالی سندھ میں حیران، اور آندھرا کا اَ نّا آسام میں سر بگریبان۔ یہی حال خود چھوٹے سے بر اعظم یورپ کاہے۔ روسی انگلستان میں اجنبی، انگریز پولستان میں ناجنس، پولستانی پیرس میں گونگا۔ مگر دوسری طرف یہی اختلاف انسان کا سرمایۂ تہذیب ہے۔ ایک زبان مٹتی ہے تو یوں سمجھو کہ جسم کا ایک عضو سن اور مفلوج ہو گیا اور پھر اسے کاٹ کر پھینک دیا۔ یہ تو ٹھیک ہے۔ مگر پھر تہذیب کا جسم تو بے ڈول ہو گیا نا! چلو ڈیل ڈول تو پھر ٹھیک ہو جائے گا۔ مگر انسانی ورثہ کا ایک بڑا حصہ تو ہمیشہ کے لئے ضائع ہو گیا نا!
اب انسان چاہے تو اپنی زبانوں کی آرائش خم کاکل کرتا رہے، اس کے رخ حسین پر غازہ و گلگونہ ملتا رہے، اس کے ترشے ہوئے بدن پر عطر کی پھواریں مارتا رہے، اس کو نت نئے فرغل، نئے چوغے، نئی پوستینیں، نئے پیرہن، نئے لباس پہناتا رہے۔
مگر یہ سب کچھ کرنا کس کا حق ہے ؟
بال وہ سنوارے جس کے ہاتھ میں شانہ ہو، جس کی بساط میں آرائش و تجمیل کا سامان ہو وہ جمال رخ کی روشنی بڑھائے، جس کے شیشہ میں تیل پھلیل بھرا ہوا ہو وہ بدن کو ریحانی کرے، جس کے دست ہنر میں فرغل اور چوغے اور لبادے اور پیراہن اور لباس تراشنے اور بخیہ گری کا کمال ہو اور جسے ان لباسوں کے پارچوں کی شناخت ہو وہ دیدہ زیبی کا قصیدہ کپڑے میں ترا شے۔ اب ذرا سوچئے۔ بڑھئی کو گیسو سنوارنے کا حکم دیجئے، سنار کو اجازت ہو کہ لباس سیئے، فلسفی کو حکم ہو کہ عطر سازی کیجئے، طباخ کو ہدایت ہو کہ لغت کا حکم بن جائے، اور پھر دیکھئے آپ کی محبوب و خوش ادا زبان کا کیا حشر خراب ہوتا ہے۔ اور ایک یہی کیا، یہ بھی سوچا کہ خود یہ دنیا کیا حال سے بے حال ہو جائے گی؟
اردو کا کچھ یہی حال ہے۔
مگر پھر کچھ تھوڑے سے لوگ ابھی اس کا غم کھانے کو زندہ ہیں تو یہ زبان بھی کسی درجہ میں زندہ ہے۔ سلطنت آصفیہ ختم ہوئی مگر ۳۷ سال کی قلیل مدت میں اردو کے لئے جو کام اس مملکت نے کر دیا تھا لسانی تاریخ شائد اس کی دوسری مثال نہ لا سکے۔ وہ کام ہندستان میں تو نابود و نیست ہوا، مگر شکر ہے کہ پاکستان میں کچھ اداروں نے اس رسم کو باقی اور جاری رکھا ہے، اگرچہ ہماری اپنی بے توجہی اور اردو سے اک گونہ عناد کے سبب اس کام سے ہم خود اس طرح فائدہ نہیں اٹھا رہے جیسا کہ اس کا حق ہے۔ خیر یہ قضیہ بھی اپنی جگہ۔ اس پر بہت باتیں ہو چکی ہیں اور ہوتی رہیں گی۔ یہاں کچھ اور بات کرنی ہے۔
ایک زبان اپنے بولنے والوں کا اعجاز نطق بھی ہو سکتی ہے اور عجز نطق بھی۔ اس میزان پر اردو کہاں کھڑی ہے ؟ہم اعجاز کلام سے سرشار ہیں یا عجز بیان کے مارے ہوئے ہیں ؟عجز کا علاج ہے اور اعجاز میں درجہ درجہ اضافہ ممکن ہے۔ ہمارے سامنے وہ زبانیں بھی بولی اور لکھی جا رہی ہیں جن کا اعجاز ان کے بولنے والوں کے یقین و اعتماد کے نتیجہ میں آسمان کی بلندیاں چھو رہا ہے اور وہ زبانیں بھی جو اپنے بولنے والوں کی لا متناہی بے اعتنائی اور لا علاج احساس کمتری کا شکوہ کرتی ہوئی زندگی کی سانسیں گن رہی ہیں۔
اردو کے امراض قابل علاج ہیں اور مسیحا صفت لوگ اس کے ارد گرد جمع بھی ہیں۔ مگر اس مریضہ کو مکمل غذا، پوری دوا، اور تازہ ہوا میسر نہیں ہے۔ تو اسی پہلو پر یہ نکتگو ہے۔
زبان کے لئے مکمل غذا اس کا قدیم سرمایہ الفاظ ہوتا ہے۔ اس کا روزمرہ، اس کا محاورہ اس کو غذا بہم پہنچاتے ہیں۔ اس کی دوا اس کے قواعد صرف و نحو، اس کے لسانی اصول و کلیات ہوتے ہیں اور وہ لوگ جو اِن امور کی پیہم نگرانی کرتے رہتے ہیں تاکہ زبان کا سانچہ نہ بگڑے، اس کا در و بست ٹھیک رہے اور وہ ارتقا کی منزل سے بے راہ نہ ہونے پائے۔ زبان کے لئے تازہ ہوا اس کے ذخیرۂ الفاظ میں متواتر اضافہ، ترکیب سازی، اصطلاح سازی کا نہ رکنے والا عمل ہے۔ اعلی علوم اور ایک درجہ میں ابلاغیہ، خصوصاً تحریری صحافت، زبان کے ذخیرۂ الفاظ میں نئے اضافہ کا سبب بنتے ہیں ؛ شاعر و ادیب ترکیب سازی کا کام کرتے ہیں، اور اہل فن یا واقفان فنون اصطلاح سازی میں مشغول رہتے ہیں۔ یہ سارا کام اسی ترتیب سے ہوتا رہے تو زبان کونہ صرف زندگی بلکہ توانا زندگی کی نوید و ضمانت ملتی ہے، اور کسی بھی مقام پر یہ کام سست پڑ جائے یا رک جائے تو زبان مختلف امراض کا شکار ہو کر موت کے قریب پہنچ جاتی ہے۔
تو دیکھیں ہمارے پاس یہ سارے کام کس درجہ میں ہو رہے ہیں۔ مختصر الفاظ میں ایک تاریخ کو سمیٹیں تو حیدرآباد میں جو کام ہو رہا تھا وہ اردو کو ایک ادبی زبان سے ایک علمی زبان بنانے کا عمل تھا۔ ادبیات میں اردو کمال کے منصب کو پہنچ چکی تھی۔ کتنی زبانوں میں میر و سودا، ذوق و غالب، داغ و حالی، چکبست و اقبال اور جوش و جگر( اور اب ہمارے زمانے میں عبدالعزیز خالد )جیسے نابغۂ روزگار شعرا پیدا ہوئے۔ کتنی زبانوں میں محمد حسین آزاد و نذیر حمد، رتن ناتھ سرشار و شبلی، راشد الخیری و حسن نظامی، فرحت للہ بیگ و ملا رموزی پیدا ہوئے۔ دہلی کے لال قلعہ کی بیگماتی زبان کا محاورہ زندہ رہ گیا تو اس لئے کہ رقیہ بیگم رقی، آمنہ نازلی، خواجہ بانو، حجاب امتیاز علی، اے۔ آر۔ خاتون اور ہاجرہ نازلی کے ہاتھوں میں قلم اور زبان کی آبرو محفوظ تھی۔ اور اس زبان کو نئے الفاظ، نئی اصطلاحیں دینے کے لئے موجود تھے سعید انصاری، سعید بزمی، ظفر علی خان، قاضی عبدالغفار، عبدالمجید سالک، حامد الانصاری غازی، چراغ حسن حسرت، حیات اللہ انصاری۔ پھر آگے بڑھے تو اشرف علی تھانوی، سلیمان ندوی، وحید الدین سلیم، عبید الرحمٰن خان شیروانی، مولوی عبدالرحمٰن خان، مولوی عبدالحق، سید احمد دہلوی اور شان الحق حقی، جمیل جالبی نے اس بے مایہ ہو جانے والی زبان کو علمی سطح تک بلند کرنے کے بہت بڑے بڑے کام بھی کئے جنہیں اردو والوں کی نظر کھا گئی۔ آج کا بڑا سوال یہی ہے کہ یہ زبان علمی ہے یا بن سکتی ہے یا نہیں ؟
اس سوال کے جواب میں ایک اور سوال پیدا ہوتا ہے۔
یہ جو ۴۲ نام گنائے ہیں ان جیسے لوگ آج اردو میں موجود ہیں کیا اور کتنے ہیں ؟
خادم علی ہاشمی صاحب کے نکات اور سوالات اسی سوال کا جواب طلب کرتے ہیں۔ ہاشمی صاحب نے برسوں پہلے اصطلاح سازی کی اور ممکن ہے اب بھی اس کام میں مدد کر رہے ہوں۔ سائنسی اصطلاحوں کے بارے میں ڈاکٹر سید عبداللہ کا بڑا عملی نقطہ نظر بھی سامنے آیا۔ درست ہے۔ اصطلاح سازی ایک طرح کا میکانیکی عمل ہے۔ مگر اصطلاحی لفظ سند تو اسی وقت بنتا ہے جب اس کو سند عام زبان سے ملتی ہے، مگر تب جب ایک اصطلاح کتابوں سے بھی تو باہر آئے۔ لفظ کا لغت میں شامل کر دینا - وہ بھی اردو جیسی لا قانون زبان میں - چنداں اہمیت نہیں رکھتا۔ لفظ اسی وقت سکہ بنتا ہے جب وہ عالموں کے ذہنوں میں پیدا ہوں اور ان کی زبانوں سے اتر کر عوام کے لبوں پر اپنے حوصلے دکھائے۔ حیدرآباد میں یہی کام ہوا تھا۔ پاکستان میں کچھ ادارے یہ کام کر رہے ہیں۔ مگر ان کے دئے ہوئے الفاظ کہاں ہیں ؟ وہ علمی تحریروں میں کیوں نظر نہیں آتے ؟ وہ ادبی تخلیقات میں اپنی خلاقی کے رنگ کیوں نہیں دکھاتے ؟
ہاشمی صاحب نے اپنے تراجم کی ایک مثال دی:(Nova, Supernova, Super Supernova) کے لئے ان کی تجویزیں نوتارا، عظیم نوتارا اور مہا عظیم نو تارا تھیں۔ میں نے اردو کی یہ تین اصطلاحات کبھی نہیں سنیں یا پڑھیں، کیونکہ یہ کتاب سے باہر اخبارات، رسائل، ریڈیو، ٹیلیوژن، اور گفتگو میں نہیں آئیں۔ مطلب یہ کہ اصطلاح بنا بھی دی جائے تو آگے گاڑی میں انجن ہی نہیں جو پٹری پر اسے کھینچ کر زبانوں پر چلائے۔ اردو کو یہ انجن کیوں نہیں ملتا؟ قصور انجن کاہے یا ان الفاظ و اصطلاحات کا جو ہم انفرادی یا اجتماعی مساعی کے نتیجہ میں اپنی زبان کو دے رہے ہیں ؟یا پھر کسی اور کا؟
نوتارا کی اصطلاح تو اچھی تھی (پتہ نہیں رائج ہوئی یا نہیں ) مگر کیا ضروری ہے ہر مترجمہ اصطلاح لفظی بلکہ تحت اللفظ ترجمہ ہو؟ نوتارا ترجمہ ہے لاطینی فقرہ (stella nova) کا جس کا لفظی ترجمہ ہو گا نیا تارا۔ لیکن انگریزی میں stellaکو حذف کر کے صرف نووا یعنی نئے کو ایسے ستارے کے لئے خاص کر دیا گیا جس میں اچانک نیوکلیائی دھماکہ ہو اور اس سے بے انتہا روشنی پھیل جائے جو کبھی کبھی اُس پوری کہکشاں کی مجموعی روشنی سے بھی زیادہ ہوتی ہے جس میں وہ پرانا ستارہ پھٹتا ہے۔ بے انتہا روشنی کے وجہ چونکہ وہ کھلی آنکھوں دکھائی دینے لگتا ہے اس قدیم رومی ستارہ بیں اسے نیا ستارہ ب اور کرنے لگے تھے۔ وہیں سے یہ اصطلاح لی گئی ہے۔ فلکیات کی رو سے ان پھٹنے اور خود پر منہدم ہونے والے ستاروں کی روشنی کی درجہ بندی کی گئی ہے اور اسی کی پیمائش کی بنیاد پر نووا، سپر نووا اور سپرسپر نووا یاجائنٹ نووا اور سپر جائنٹ نووا کی اصطلاحیں وضع کی گئیں۔ ہاشمی صاحب نے ان سب کے تحت اللفظ ترجمے کر دئے۔
اگر یہ ترجمے رائج ہو گئے تو سبحان اللہ۔ لیکن مہا کے ساتھ عظیم کا جوڑ صرف لسانی اور لغوی اعتبار ہی سے نہیں صوتی جمالیات کے اعتبار سے بھی محل نظر ہے۔ یعنی اگر نو تارا، عظیم نوتارا اور مہا نوتارا کہا جاتا تو بھی مطلب تو ادا ہو جاتا۔ یعنی اصطلاح بناتے ہوئے صوتی جمالیات کا لحاظ رکھنا بھی ضروری ہے اور اُس شے کی ماہیت اور مادی حقیقت کا لحاظ رئنسی اصطلاحوں کے بارے میں ڈاکڑ رکھنا بھی جس کے بارے میں اصطلاح وضع کی جا رہی ہے۔ مجھے یاد آیا، ایک زمانے میں ہندستان میں اردو کے سب سے زیادہ چھپنے والے فلمی ماہنامہ شمع کے تین مدیران ایک خاص میدان میں لفظ سازی اور اصطلاح سازی سے خاصی دلچسپی رکھتے تھے۔ مثلاً پہلے فلموں کے گیت لکھنے والے کو نغمہ نگار لکھا جاتا تھا۔ مدیران شمع نے ہدایت کار اور اداکار کی طرح گیت کار، اور گانے والے کے لئے گلوکار کی اصطلاحیں وضع کیں اور وہ سکہ بھی بن گئیں۔ لیکن ایک جگہ وہ لوگ ناکام ہوئے کیونکہ اصطلاح مضحکہ خیز اور اصل لفظ کی ماہیت سے میل نہیں کھاتی تھی۔ انگریزی میں ایک سٹوری ہوتی ہے جو طویل بھی ہو سکتی ہے۔ اس لئے افسانہ کے لئے ان کے پاس شورٹ سٹوری کی اصطلاح وضع ہوئی۔ اب اگر افسانہ بہت مختصر ہوا تو انگریزی میں اسے شورٹ شورٹ سٹوری کہا جانے لگا۔ مدیران شمع نے رسالے کے ایک صفحہ پر مکمل ہو جانے والے افسانے کو مختصر مختصر کہانی کا نام دیا۔ یہ اصطلاح غلط تھی۔ اردو کہانی یا افسانہ انگریزی میں شورٹ سٹوری ہی ہوتی ہے، انہیں ہم مختصر کہانی یا مختصر افسانہ نہیں کہتے۔ تو ایک صفحہ کے افسانے کو مختصر کہانی کہنا مناسب تھا۔ مطلب یہ کہ ہر اصطلاح کے لئے لفظوں کے انفرادی معنیٰ کو ملا کر اصطلاح بنانا کچھ مناسب نہیں۔
کچھ ۴۶ سال پہلے ہم تین بھائیوں نے بمبئی سے سائنس نام کے ایک ماہنامے کا اجرا کیا تھا۔ سائنس سے میرا تعلق واجبی ہے۔ وہ میرا تعلیمی موضوع نہیں رہی۔ پھر بھی اس عنوان سے رسالہ جاری کرنے کا منشا ء اردو والوں کو سائنس پڑھانے سے زیادہ ان کا سائنسی ذہن بنانا تھا۔ ایک دن میں فلکیات پر ایک مضمون کا ترجمہ کر رہا تھا تو اس میں دو الفاظ کی تکرار آ رہی تھی: گیلیکسی(galaxy) اور ملکی وے (Milky Way) یہ دوسرا لفظ انگریزی میں ہماری کہکشاں کا اسم معرفہ ہے، جبکہ گیلیکسی انگریزی میں اسم نکرہ ہے جو خلا میں تیرتی لاکھوں کہکشانوں کے لئے عام ہے۔ مگر دونوں کے لئے ہمارے پاس اردو میں فارسی کا لفظ کہکشاں رائج ہے۔ میں نے اُس وقت سوچا کہ کہکشاں کا لفظ چونکہ ہماری اپنی کہکشاں کے لئے ہی وجود میں آیا تھا اس لئے اردو میں اسے ملکی وے کا مترادف بنا دیا جائے اور اسم عام کے لئے اردو میں عربی کا لفظ استعمال کیا جایا کرے۔ بد قسمتی سے مجھے عربی کا لفظ نہ مل سکا۔ کسی نے مجمع النجوم بتایا جو میرے جی کو نہ لگا۔ یہ ترکیب کہکشاں کے برعکس ثقیل محسوس ہوئی جو اسم عام کے لئے مناسب نہ تھی۔ بہت بعد میں معلوم ہوا کہ عربی میں کہکشاں کے لئے مَجَرَّہ کا لفظ ہے اور یہ بھی دونوں مفاہیم کا احاطہ کرتا ہے۔ میرے نزدیک یہ بھی ذرا اجنبی ہے، تاہم اسے اسم عام کے طور پر گیلیکسی کا مترادف قرار دیا جا سکتا ہے۔ نکتہ یہ ہے کہ ملکی وے کا ترجمہ راہ شیر درست نہیں ہو گا۔
یہاں آ کر ضرورت پڑتی ہے ان زبانوں سے استفادہ کی جو مزاج اور ثقافت و تہذیب میں اردو سے قریب ہیں، بالکل اسی طرح جیسے اہل یورپ اپنی زبانوں میں اصطلاحوں کے لئے لاطینی، رومی اور یونانی زبانوں سے بے تکلف مدد لیتے ہیں۔ وہ قدیم عربی یا فارسی کی طرف اعتنا نہیں کرتے اور نہ ہی اپنی زبانوں میں اصطلاحوں کے ترجمے رائج کرتے ہیں۔ نووا کو کا لفظی مطلب تو بس نیا ہے۔ لیکن یہ لاطینی میں ہے۔ انگریزی اور فلکیات میں نووا کا مطلب اب ہرگز وہ نہیں جو لاطینی میں اس سے لغوی مراد ہے۔
چنانچہ میرا خیال ہے کہ اردو اصطلاح سازوں کو عربی، فارسی اور ترکی زبانوں پر عبور یا کم سے کم ان سے ا تنی واقفیت ضرور ہونی چاہیئے کہ وہاں الفاظ ڈھونڈ سکیں، ان کے خاندانوں کا پتہ لگا سکیں اور ان کے مطالب و مفاہیم تک بھی رسائی پا سکیں تاکہ ان کی مدد سے نئی اصطلاحیں وضع کی جائیں۔ الفاظ کے برعکس اصطلاح کے عام ہونے کی یہ شرط نہیں ہو سکتی کہ وہ گلی گلی عام ہو جائیں تب ہی سند ملے گی۔ ان کی سند وہ اہل علم ہوتے ہیں جو اپنے خاص علوم میں ان اصطلاحوں کو بے تکلف استعمال کرنے لگیں۔ وہ استعمال کریں گے تو ان کے طلبہ اور قارئین بھی باخبر ہو جائیں گے۔ ان طلبہ اور قارئین کو ان اصطلاحوں میں استعمال ہونے اور بولے جانے والے الفاظ کے اصل لغوی معنیٰ سے واقفیت چنداں ضروری نہیں۔ ان کے واسطے بس یہ جاننا کافی ہے کہ نووا اس ستارے کو کہتے ہیں جو نیوکلیائی دھماکے کے نتیجہ میں خلا میں بکھر رہا ہو۔ اور یہ خبر انہیں ہر ماہر فلکیات اپنے اخباری مضامین میں، ٹیلی وژن پر اپنی گفتگو میں، تدریسی اور عوامی لیکچروں میں دینے کا پابند ہے۔ یہی شرط دیگر علوم کے ماہرین اور اساتذہ کے لئے بھی ہے۔۔ اور یہی پابندی خود ابلاغیہ کے لئے بھی ہے جس کے نزدیک اردو میں صرف سیاسی خبروں اور ان پر انسانی وحشت کے بیان کے لئے عالمی اور اردو ابلاغیہ وجود میں آیا ہے۔

٭ ٭ ٭

امواج

نکتہ

تمہارا مضمون عبدالحمید انصاری (یکتا یکتا ۰۲۴)پر ماضی کی بازیافت اور مسلمانوں میں حالات کے تحت کبھی ابھرنا کبھی ڈوبنا کی تفسیر پڑھی۔ ایک بات بتاؤ کہ خلافت راشدہ کے بعد عہد سپین و بغداد کو چھوڑ کر مسلمان علمی ترقی، سیاسی سوجھ بوجھ، معاشرتی اصلاح، انفرادی غور و فکر، اجتماعی عمل سے دور دور کیوں رہا؟ انسان کی شخصیت وہ اوصاف پیدا کرے کہ دوسروں کے لئے اس کا علم، عمل، فکری بلندی اور ذات ناگزیر بن جائے۔ جب ایسا نہیں ہو گا تب انسان ہو یا کوئی گروہ وہ خس و خاشاک کی طرح ہو جاتا ہے : یعنی روندے جانے کے لئے۔ میں اس معاملہ میں بہت سوچتی ہوں مگر سب سمجھ میں نہیں آتا۔ وہ کونسی رکاوٹ ہے جو ہم راہ میں رکے ہوئے ہیں ؟ کس بات کا انتظار ہے ؟ علی گڑھ آ کر ایک بات محسوس ہوئی کہ سر سید تو پیدا ہوتے ہیں مگر ان کو وہ شیروانی خاندان بھی ملنا ضروری ہے جو اپنا تن من دھن لے کر آ جاتا ہے۔ تم نے صحیح لکھا ہے کہ عبدالحمید انصاری کے ساتھ ڈاکٹر عبدالحق اور قاسم بھائی بھی ضروری ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ ان کو بھی کون تلاش کرے ؟ میرا سوال اپنی جگہ ہے۔ اس کا بھی جواب دو۔۔۔۔
شہناز غازی
ایک نجی خط کا اقتباس، ۲۵ اکتوبر ۲۰۰۹

گفتہ

مدت ہوئی جب میری عزیز بہن شہناز نے ایک خط میں یہ سوالات کئے تھے۔ میں نے جواباً اس موضوع پر کچھ لکھنے کا وعدہ بھی کیا تھا مگر اس کے بعد نکتگو اور یکتا یکتا دونوں ہی سلسلے موقوف ہو گئے تھے اور میرا تمام تر فارغ وقت لفظ نما کی تحقیق میں صرف ہونے لگا تھا۔ سو یہ وعدہ بھی بہت سے دیگر وعدوں کی طرح تشنۂ تکمیل رہ گیا۔ اب یہ سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کا ارادہ کیا اور پرانے کاغذات پر نظر دوڑائی تو ان میں سے شہناز کے سوال کو اس نئے سلسلہ کا نقطہ آغاز بنانے کا فیصلہ کیا۔
میں نے نکتگو کے گزشتہ ۴۱ مضامین میں سب سے زیادہ مضامین ارتقا اور زوال ہی کے موضوع پر لکھے تھے۔ اس کے علاوہ زندگی کے چالیس طویل صحافتی برسوں میں بھی میرے بیشتر مضامین اور مقالے راست یا بالواسطہ اسی موضوع کا احاطہ کرتے رہے ہیں۔ پھر بھی یہ موضوع خود میری حد تک بھی تشنہ ہے۔ اس کو بہت تشریح کی ضرورت ہے، ایک تو اس لئے کہ جب کسی قوم کا تاریخی شعور مفقود نہ سہی، نیم جاں ہو جائے تو سیدھی گزرگاہ بھی بے نتیجہ بحثوں کے گرد و غبار میں چھپ جاتی ہے۔ دوسرے یہ کہ جب کسی قوم کا عمرانی شعور کمزور ہو جاتا ہے تو ایک ہی بات کو بار بار مختلف پیرایوں میں دہرانا پڑتا ہے۔ قرآن حکیم میں اللہ کی وحدانیت اور اس کے قادر مطلق ہونے جیسی سامنے کی باتوں کو سیکڑوں آیات میں بار بار کھول کھول کر بیان کیا گیا پھر بھی انسانوں کی اکثریت کی سمجھ میں کچھ بھی نہ آیا۔ مگر بہت سے لوگ جو صدق دل سے سچائی کے متلاشی تھے بات پا گئے اور انہوں نے دنیا کو وہ قیادت مہیا کر دی جو پہلے کبھی انسانیت کا مقدر نہ بن سکی تھی۔ تیسری وجہ یہ کہ میری وہ تحریریں بہت سے لوگوں کی نظر ہی سے نہ گزریں یا بے ربطی کے ساتھ انہیں پڑھا گیا تو بات پوری طرح سمجھ میں نہ آئی۔ آج اسی موضوع کو ایک نئے پیرائے میں بیان کر دیتا ہوں۔
مگر بات شروع کرنے سے پہلے کچھ نکات طے کر لیں۔
٭کیا واقعی بغداد اور سپین کے بعد دنیا کے مسلمان علمی ترقی، سیاسی سوجھ بوجھ، معاشرتی اصلاح، انفرادی غور و فکر، اجتماعی عمل سے دور ہو گئے تھے ؟
٭کیا واقعی پچھلے چھ سو سال میں مسلمانوں میں ایک بھی شخصیت ایسی پیدا نہ ہوئی جس کے اوصاف، علم، عمل، فکری بلندی اور ذات دوسروں کے لئے ناگزیر نہ سہی قابل ذکر بھی ہوتی؟
٭کیا مسلمان وقت کے کسی جامد لمحہ پر ٹھہرے ہوئے ہیں یا ایک ایسی حالت سفر میں ہیں جس کی منزل دور ہے ؟
٭کیا کام کرنے کے لئے سرمایہ یا کسی دولت مند کی اعانت لازمی ہے ؟
٭کیا واقعی دنیا میں کسی ایسی قوم نے کوئی ترقی کی ہے جس کا خود پر اور اپنی صلاحیت اور استعداد پراعتماد ہی نہ ہو؟
}اگر ان تمام سوالات کا جواب اثبات میں ہے تو پھر نجات کا راستہ کیا ہے ؟ اور اگر ان کا جواب نفی میں ہے تو پھر مسلمان اس ناگفتہ بہ حالت میں کیوں ہیں ؟
پہلے پانچ سوالوں کے بارے میں کسی نتیجہ پر پہنچنے کے بعد ہی اس آخری سوال پر بات ہو سکتی ہے۔ اس لئے موجودہ مضمون پہلے پانچ سوالوں تک محدود رہے۔
تاریخ ان محولہ بالا سوالوں کے جواب مہیا کرتی ہے۔ مگر تاریخ کوئی نرس نہیں ہوتی کہ وقت مقررہ پر دوا کی گولی اور پانی کا گلاس لے کر مریض کے پاس آئے، اسے دوا کھلا دے، اور تین دن بعد معالج اسے صحت مندی کا پروانہ عطا فرما دے۔ تاریخ میں اپنے سوالوں کے جواب ڈھونڈنے پڑتے ہیں اور اس کام میں کبھی کبھی برسوں لگ جاتے ہیں۔ تو جن اہل علم، دانشمندوں، مفکروں پر کبھی کبھی ہم غصہ ہوتے ہیں کہ ہماری مشکل کا حل نہیں بتاتے خود ان کی مشکل سے ہم باخبر نہیں ہوتے۔ اور وہ ہماری شکایت کو درد مندی سن کے خاموش رہتے ہیں کہ ممکن ہے وہ خود ابھی درمیان راہ میں ہوں۔ وہ نبی نہیں ہوتے کہ اللہ کی طرف سے فوراً جواب مہیا کر دیا جائے۔ لیکن ان کی تربیت ایک اعتبار سے قرآن حکیم کا علم کرتا جہاں ایک آیت کی تفہیم کیلئے کئی دوسری آیتوں کی جزئیات کا علم ہونا ضروری ہوتا ہے۔
ایک مثال دیتا ہوں۔
صدیوں سے، بالخصوص گزشتہ دو صدیوں سے، مستشرقین، اور اب معربین، کا اصرار ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے مدینہ تشریف لانے کے بعد مکہ کے تجارتی قافلوں کو مدینہ کے مسلمان لوٹتے رہے اور بعض مرتبہ تو اس کام کے لئے کوئی فوجی ٹکڑی لے خود رسولؐ اللہ بھی نکلے۔
تاریخ کیا ہے ؟
تاریخ تو یہی ہے !
مکہ والوں کے تجارتی کاروان شام جانے کے لئے نکلتے تھے اور مدینہ کے مہاجرین و انصار کی چھوٹی چھوٹی فوجیں ان پر حملہ کرنے کے لئے نکلتی تھی۔
یہ تاریخ کہاں لکھی ہوئی ہے ؟
دیکھ لو، ابن ہشام نے اپنی سیرۃ میں لکھا ہے۔ ابن کثیر، ابن اثیر، طبری، بلاذری، یعقوبی۔ سب نے لکھا ہے اور سب مسلمان مورخ تھے۔ تو بات تاریخی سچ ہے ا ور تاریخی سچ تھی۔
مگر کیا اس موضوع پر یہی آخری اور سچا سچ ہے ؟
نہیں۔ یہ ادھورا سچ ہے۔ مگر اس کے ادھورے پن کو سمجھا نہ جا سکا۔ مستشرقین کی بات چھوڑئے، انہیں تو سفید شکر میں کالی چیونٹیاں ہی نظر آتی تھیں، خود مسلمان بھی اس معاملہ دفاعی ہو گئے۔ بات دفاع طلب نہیں، وضاحت طلب تھی۔
سیرت مبارکہ پر میرے آٹھویں لیکچر میں ۱۳ اپریل ۲۰۰۸ کو یہ تاریخی واقعیت بیان میں آئی تو اس مسئلہ پر کچھ حاضرین نے سوال کئے۔ ہنگامی طور پر جواب تو دے دیا مگر اس کے بعد سوا دو سال اس موضوع پر مطالعہ اور غور و فکر کر کے چار صفحات پر مشتمل ایک مضمون اسلام آباد کے سہ ماہی الاقربا کے جولائی تا ستمبر ۲۰۱۰ کے شمارہ میں شائع کیا، جس میں مزید تحقیقی اضافے کر کے ہندستان کے ایک علمی رسالہ کو بھیجا ہے جہاں سے ابھی کوئی جواب نہیں آیا۔
مجھے اس خود ستائی کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
یہ بتانے کے لئے کہ میری اس تحقیق کے نتیجہ میں تاریخی حقائق تو وہی رہے جو ابن سعد، ابن اسحق، ابن ہشام، ابن کثیر، بلاذری، طبری، وغیرہ نے لکھے ہیں لیکن انہی تاریخی حقائق سے یہ بھی ثابت ہو گیا کہ قریشی قافلوں پر مسلمانوں کی فوج کشی کے یہ واقعات لوٹ مار کے لئے نہیں تھے۔ وہ کیا تھے اس کے لئے الاقربا میں میرا مضمون دیکھا جا سکتا ہے ؛ جو انٹر نیٹ پر گوگل کی مدد سے مل جاتا ہے۔
قصہ مختصر، کسی ایک تاریخی حقیقت کو بہت سے دیگر تاریخی حقائق کے ساتھ مربوط کر کے ہی تاریخ مرتب ہوتی ہے۔ محض وقائع نگاری کی بنیاد پر کسی عہد یا کسی شخصیت کے بارے میں حتمی فیصلے نہیں کئے جاتے۔ مستشرقین نے یہی کیا، یہی جدید اصول تاریخ نویسی ہے۔
یہ اصول شہناز غازی سلمہا کے سوالات پر بھی منطبق ہوتا ہے۔
ہم اپنی جس تاریخ کی بات کر رہے ہیں وہ یورپ کے معاشرتی مزاج اور علمی مذاق کی طرح بہت پیچیدہ ہے۔ تاریخ کی پیچیدگی کا احساس مجھے اس وقت ہوا تھا جب علی گڑھ میں جدید مسلم دنیا کے پرچہ میں ترکی کی زوال آمادہ سلطنت عثمانیہ کے نام پر مجھے یورپ کی تاریخ پر نظر ڈالنے کا موقعہ ملا تھا۔ اسی تاریخ کے گہرے اثرات نے عصر حاضر کے مسلمان کی تاریخ ہی نہیں اس کے مزاج اور شعور کو بھی پیچیدہ کر دیا ہے۔ اس لئے بہت سی باتیں ہم سمجھ نہیں پاتے۔ ہر ایک بات میں اتنے گوشے، اتنے پہلو تراش لئے جاتے ہیں اور ہر گوشہ اور پہلو پر لفظوں اور نظریات کی آراستگی کے اتنے پھول پھندنے اور ان پر دلائل کے اتنے خول ہوتے ہیں کہ عموماً حقیقت کی گری ہاتھ ہی نہیں آتی اور ہم اپنے حالات اور اپنے ماضی کا مطالعہ کرتے ہوئے پہلے سے زیادہ پریشان خیال، بلکہ نفسیاتی الجھنوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔
تو مختصراً ان سوالوں کے جواب کھوجیں جو اوپر لکھے تھے۔
}کیا واقعی بغداد اور سپین کے بعد دنیا کے مسلمان علمی ترقی، سیاسی سوجھ بوجھ، معاشرتی اصلاح، انفرادی غور و فکر، اجتماعی عمل سے دور ہو گئے تھے ؟
نہیں۔ یہ بیان درست نہیں ہے۔ سلطنت عثمانیہ کی زیر تحریر تاریخ کا دوسرا باب لکھنے کے بعد اس کے افتتاحیہ میں ایک اہم ابتکاری نکتہ سامنے آیا تھا۔ اسے نقل کر دیتا ہوں :
’’اسلام کی ۱۴۴۳ سالہ تاریخ میں زوال کا کوئی دور نہیں ہے۔ اس کا ہر دور عروج کا دور رہا ہے۔ اسلام کی تاریخ موجوں کی صورت میں ظہور کرتی آ رہی ہے۔ اس کا آغاز علم کی ایک عظیم الشان موج کی صورت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی بعثت اور ہجرت میں رونما ہوا۔ خلافت راشدہ اور پھر بنی امیہ کے زمانہ میں یہ تاریخ دو موجوں کی شکل میں مرتب ہوتی ہے : ایک طرف وہی علمی موج تھی جس کا عنوان تحریر مصحف مقدس اور تدوین حدیث کا سر آغاز تھا، بعد میں کتب حدیث کی ترتیب اور فقہوں کے ارتقا کی صورت میں سامنے آیا؛ اور دوسری موج اقدامی اور دفاعی تھی جو عہد صدیقیؓ میں مرتدین کے خلاف فوج کشی سے شروع ہو کر بنی امیہ کے زمانہ میں افریقہ، ہسپانیہ، ہند اور م اور ا ء النہر کی فتوحات کی صورت میں وجود میں آئی۔ بنی عباس کے ابتدائی دور میں حربی موج کمزور پڑ گئی، مگر ٹھیک اسی زمانہ میں علمی موج کا ارتفاع آسمان دانش و حکمت تک پہنچ گیا۔ عباسیوں کے آخری دور میں یہ علمی موج بھی رفتہ رفتہ اتر گئی، مگر دوسری طرف حربی اور تہذیبی موج بر صغیر جنوبی ایشیا میں بلند ہوتی دکھائی دی۔ منگول طوفان کے بعد ایک نئی زبردست حربی موج ایک بار پھر تاریخ اسلام کے سمندر میں اناطولیہ کے ساحلوں پر نمودار ہوئی اور مسلم توسیع کی حدیں یورپ کے قلب میں وئینا کی دیواروں سے ذرا پرے رہ گئیں۔ پھر وقت آیا کہ ترک عثمانیوں کی یہ حربی موج بھی بیٹھ گئی۔ اب مسلمان حربی اور سیاسی اعتبار سے کوئی آبرو مند قوم نہیں رہے۔ مگر اسی حربی اور سیاسی زوال کے زمانہ میں علمی موج از سر نو بلند ہونی شروع ہوئی اور بے شمار صف اول کے مفکرین اور اہل دانش سے آسمان جگمگا اٹھا۔ لہٰذا دیکھنے اور غور کرنے کی بات یہ ہے کہ موجودہ سیاسی اور حربی دور انحطاط کے باوجود دوبارہ علمی موج مسلمانوں میں کہاں ابھر رہی ہے۔ اسی سوال کے جواب پر مسلم مستقبل اور اس کے ارتقائی رخ کا انحصار ہے۔ ‘‘ (اسلامی تاریخ کے مد و جزر، سہ ماہی الاقربا، اسلام آباد، اکتوبر-دسمبر ۲۰۱۰، ص ۱۱-۱۰)
یہ ضرور ہے کہ سقوط بغداد(۱۲۵۸) اور سقوط غرناطہ(۱۴۹۲) کے بعد اکثر مسلم منطقوں میں سیاسی انحطاط کا آغاز ہوا تھا جس کے نتیجہ میں ایشیا اور شمالی افریقہ میں استعماری طاقتوں کو اقتدار حاصل کرنے میں آسانی ہوئی تھی۔ لیکن دوسری طرف انہی دنوں اناطولیہ اور مشرقی یورپ میں سلطنت عثمانیہ کے پرچم تلے مسلم سیاست بڑی قوت سے دنیا پر موثر ہو رہی تھی اور ان علاقوں میں مغربی یورپی استعمار کو قدم ٹکانے کی جگہ نہیں مل رہی تھی، تاآنکہ پہلی عالمی جنگ میں عربوں کو ایک عظیم سلطنت کے سبز باغ دکھا کر ان کے ذریعہ سلطنت عثمانیہ کو ختم کیا گیا اور مشرقی یورپ پر سیاسی عنوان سے عیسائی مذہبی غلبہ حاصل کیا گیا۔ چنانچہ تقریباً آٹھ عشروں تک جمہوریہ ترکی میں بھی مسلم سیاسی زوال کا کھیل کھیلا جاتا رہا۔
جس بات کو ہم اپنے زوال سے تعبیر کرتے ہیں وہ دراصل سیاسی عمل کا بانجھ پن ہے، انحطاط بلکہ جمود اسی میدان میں پایا جاتا ہے۔ البتہ جب سیاسی طور پر مسلمان ناکام نظر آ رہے تھے، تو فکری میدان میں وہ زندگی کا ثبوت فراہم کر رہے تھے۔ اس ثبوت کو غیر موثر کرنے کے لئے خود ہمارے مغرب مزاج تعلیمیہ اور ابلاغیہ نے بھی شور مچا دیا کہ مسلمانوں کا زوال مکمل ہو چکا ہے اور بظاہر ان کے دوبارہ ابھرنے اور ترقی کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور اگر ہے تو صرف مغربی کلچر، مغربی علوم اور مغربی طرز فکر کی نقالی ہی سے ممکن ہے۔ اسی شور شرابہ میں گزشتہ دو سو سال میں پوری مسلم دنیا میں ایسے کئی مصلحین پیدا ہوئے جنہوں نے اپنی قوموں کو یہ سبق پڑھایا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بیسویں صدی کے اواخر میں مسلم دنیا کے انتہائی مشرق اور انتہائی مغرب میں کم و بیش ایک ہی وقت میں اس نظریہ کو رد کر کے خود اعتمادی کا مظاہرہ شروع ہوا۔ مشرق میں اس قوت کا نام محاتیر محمد اور اس کا میدان عمل ملیشیا بنا، مغرب میں خود اعتماد کا نام تھا نجم الدین اربکان، پھر سلیمان دیمرل کے شاگرد ترگت اوزال اور پھر اربکان کے سیاسی تلامیذ رجب طیب اردگان اور عبداللہ گل اور میدان کار ترکی۔ تاہم ان دو ’’قطبوں ‘‘کے درمیان پڑنے والی مسلم دنیا اور عام مسلمان بدستور اسی بدگمانی میں ہیں کہ اگر کسی بھی درجہ میں ترقی کا کوئی امکان ہے تو صرف مغربی طرز فکر کی نقل میں ہے۔ ان لوگوں کی نگاہیں تاریخ کی کتابیں اور اخبارات پڑھنے کے قابل نہیں ہیں۔
مسلمانوں کے معاملہ میں قدرت کا عجیب نظام ہے۔ ان کے سیاسی انحطاط و زوال کے ساتھ ہی ان میں زبردست علمی اور فکری انقلابات آتے ہیں۔ ہسپانیہ میں بنی امیہ کی حکومت (۱۰۳۹-۷۵۶) کے دوران علمی کام ہو رہا تھا جس کی حیثیت بالعموم فلسفیانہ تحقیقات کی تھی۔ الحکم ثانی(۹۷۶-۹۱۵)کے ذاتی کتب خانہ میں چار لاکھ سے چھ لاکھ تک کتابیں موجود تھیں - یہ اس دور کی بات ہے جب چھپائی کی مشین ایجاد نہیں ہو ئی تھی۔ بنی امیہ کے خاتمہ کے ساتھ مسلم ہسپانیہ چھوٹی چھوٹی مملکتوں میں تقسیم ہو گیا تھا۔ طوائف الملوکی کا یہ دور ۴۵۳ برس پر محیط تھا۔ اسی زمانہ میں بے شمار مسلم نظری اور اطلاقی سائنسداں پیدا ہوئے (عباس ابن فرناس، ابوالقاسم الزہراوی، ابن رشد، ابن الطفیل، ابن باجہ، ابن حزم، البطروجی، محی الدین المغربی، ابن زُہر، ابن جبیر وغیرہ)جن کی تحقیقات اور ایجادات بعد میں یورپ کی سائنسی اور تکنولوجیائی ترقی کا ذریعہ بنیں۔ اس سے پہلے سلطنت عباسیہ کے اپنے عروج کے دور میں مامون جیسے فلسفی مزاج بادشاہ کی توجہ سے فکر اور نظری علوم میں تو بے شک غیر معمولی ترقی ہو ئی، نیز کسی درجہ میں اطلاقی علوم میں بھی اہم کام ہوا، لیکن اس خاندان کے دسویں حکمراں المتوکل کے دور حکومت (۸۶۱-۸۴۷)کے بعدزمانۂ انحطاط شروع ہوا اور اسی دور میں مسلم مشرق میں امتیازی علمی ترقی ہوئی (الزرکلی، الجزری، قطب الدین شیرازی، ابن شاطر، الکاشی، ابن النفیس، ابن تیمیہ، المقریزی، الادریسی، الغزالی، الرازی وغیرہ)۔ بر صغیر جنوبی ایشیا میں دہلی سلطنت (۱۲۰۷ تا ۱۵۲۶) اور سلطنت مغلیہ کے عروج (۱۵۵۶ میں اکبر کی تخت نشینی سے ۱۷۰۷ میں اور نگزیب کے انتقال تک) اگرچہ علوم کے میدان میں کام ہوتا رہا اور شیخ عبدالحق محدث دہلوی، خان خاناں، شیخ احمد سرہندی اور استاد عیسیٰ جیسے اہل علم و فن پیدا ہوئے، لیکن اورنگزیب کے انتقال کے ساتھ سیاسی زوال شروع ہوا اور اس کے نتیجہ میں جو علمی انقلاب آیا تھا وہ برصغیر میں آج تک جاری ہے اور اس کی ضیاؤں سے نگاہیں آج بھی خیرہ ہوتی ہیں۔
بے شک مسلمانوں میں سیاسی سوجھ بوجھ کا فقدان سب کے سامنے ہے۔ مگر اس کا سبب سوائے اس کے کیا ہے کہ مسلمانوں کی خود اعتمادی کو خود ہم نے ادھ موا کر رکھا ہے۔ مسلمان غیر موثر ہے اس لئے کہ اس کے سامنے کوئی سیاسی نصب العین نہیں ہے۔ ان کے حکمراں یا تو مغرب کے دسترخوان فکر کے ریزہ چیں ہیں یا غلام قصر ہیں۔ تاہم معاشرتی اصلاح کے میدان میں خاصا موثر کام ہو رہا ہے جو انفرادی غور و فکر اور کسی درجہ میں اجتماعی عمل کے بغیر ممکن نہیں ہوتا۔ ان میدانوں میں بڑا مسئلہ قوتِ نافذہ کاہے جو کسی بھی مفکر اور کارکن کے پاس نہیں ہوتی۔ یہ قوت جن ہاتھوں میں ہے انہیں سیاست داں کہتے ہیں اور ان کو ایسے کاموں سے اب اتنی نسبت بھی نہیں رہی جتنی ہارون رشید اور مامون رشید کو تھی کہ وہ اپنے زمانہ کے علماء کو بلا کر ان سے بات تو کرتے تھے اور اکثر ان کی بات مان بھی لیتے تھے۔ اب اسی طبقۂ اہل علم کو سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ اس میں کچھ قصور خود علماء بھی ہے، مگر اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ اس پورے طبقہ ہی کو لعن طعن کا شکار بنا دیا جائے اور ان میں مثبت فکر و عمل والے افراد کو نہ تلاش کیا جائے نہ ان سے استفادہ کیا جائے۔
} کیا واقعی پچھلے چھ سو سال میں (۱۴۰۰ سے اب تک) مسلمانوں میں ایک بھی شخصیت ایسی پیدا نہ ہوئی جس کے اوصاف، علم، عمل، فکری بلندی اور ذات دوسروں کے لئے ناگزیر نہ سہی قابل ذکر بھی ہوتی؟
جی ہاں، ۱۴۰۰ عیسوی سے اب تک کی چھ سو سالہ مدت میں ایسی بے شمار شخصیات پیدا ہوئی ہیں : چند کے نام گنے جائیں :
علوم دین و دنیا: (۷۸)
٭ابن خلدون(۱۴۰۶-۱۳۳۲)۔ ٭پیری رئیس (ترکی - جغرافیہ داں امیر البحر: - ۱۵۱۳)۔
٭ قاضی زادہ رومی (ترکی-فلکیاتی : ۱۴۳۶-۱۳۶۴)۔ ٭ مرزا محمد طارق اُلُغ بیگ (فارس - مہندس، فلکیاتی : ۱۴۴۹-۱۳۹۴)۔
٭ مولانا جلال الدین سیوطی (مصر- عالم، مفسر، فقیہ، اقتصادیات : ۱۵۰۵-)
٭تقی الدین ابن معروف السعدی (ترکی/شام-سائنسداں، فلکیاتی، موجد، مہندس، گھڑی ساز: ۱۵۸۵-۱۵۲۶)۔
٭شیخ عبدالحق محدث دہلوی (ہند-عالم، محدث: ۱۶۴۲-۱۵۵۱)۔ ٭ملا علی قاری (محدث، فقیہ: م:۱۶۰۵)۔
٭ احمد بابا المصوفی ٹمبکٹی (ٹمبکٹو : مالی، مغربی افریقہ - عالم، انقلابی : ۱۶۲۷-۱۵۵۶)۔
٭اولیا ء چلبی (عثمانی ترکی- سیاح، جغرافیہ داں : ۱۶۸۲-۱۶۱۱)۔ ٭مرزا مظہر جان جاناں (ہند - عالم، تصوف : ۱۷۸۱-۱۷۰۱)۔
٭شاہ ولی اللہ(ہند-مفکر عالم، ماہر عمرانیات، سیاسی فلسفی، اقتصادیات: ۱۷۶۲-۱۷۰۳)۔
٭شاہ عبدالقادر۔ (ہند-عالم، محدث، مترجم قرآن: م:۱۸۱۵)۔ ٭شاہ عبد العزیز(ہند-محدث، محقق:۱۸۲۴-۱۷۴۵)۔
٭امام محمد امین ابن عابدین (شام - محدث، فقیہ، اقتصادیات: ۱۸۳۶-۱۷۸۳)۔
٭ علامہ محمود آلوسی بغدادی (عراق-عالم، مفسر، فلسفی سیاسیات: ۱۸۵۳-۱۸۰۲)۔
٭مولانا خالد کر دی( کر دستان/عربیہ /عراق- تصوف، حدیث :م:۱۸۲۷)۔
٭ شاہ اسمٰعیل شہید(ہند- محقق : ش: ۱۸۳۱)۔ ٭مولانارشیداحمدگنگوہی(ہند-عالم، محدث:۱۹۰۵-۱۸۲۹)۔
٭مولانا محمد قاسم نانوتوی(ہند-عالم، محقق، مفکر، انقلابی : ۱۸۸۰-۱۸۳۲)۔
٭مصطفی عاصم کوکسال (ترکی-مورخ/محقق: ۱۹۱۳-۱۸۹۸)۔ ٭ شبلی نعمانی(ہند-مورخ، محقق: ۱۹۱۴-۱۸۵۷)۔
٭شیخ الہند مولانا محمود لحسن(عالم، محدث، مترجم قرآن، محرک آزادی، مفکر، عمرانیات : ۱۹۲۰-۱۸۵۱)۔
٭مولانا خلیل احمد سہارنپوری(ہند: عالم، محدث: ۱۹۲۷-۱۸۵۲)۔
٭علامہ سید انور شاہ کاشمیری (ہند-عالم، محدث، مفکر، فقیہ : ۱۹۳۳-۱۸۷۵)۔
٭ مولانا اشرف علی تھانوی (عالم، محقق، مفسر، فقیہ : ۱۹۴۳-۱۸۶۳)۔
٭ احمد ابن امین الشنقیطی (موریطانیہ - تاریخ، جغرافیہ، ادب : ۱۹۱۳-۱۸۷۲)۔
٭ مارماڈیوک محمد پکتھال (انگلستان- مدرس، مترجم قرآن : ۱۹۳۶-۱۸۷۵)۔
٭ مولانا شبیر احمد عثمانی(ہند-پاکستان-عالم، محدث، مفسر : ۱۹۴۹-۱۸۸۶)۔
٭مولانا احمد علی لاہوری (ہند/پاکستان -عالم، مفسر، مفکر: ۱۹۶۱-۱۸۸۷)۔
٭سید سلیمان ندوی (ہند-پاکستان -عالم، مورخ، محقق: ۱۹۵۳-۱۸۸۴)۔
٭ مولانا محمد الیاس کاندھلوی (ہند-عالم، مبلغ دین : ۱۹۴۴-۱۸۸۵)۔
٭ محمد حسین ہیکل (مصر-صحافی/سیرۃ نگار: ۱۹۵۶-۱۸۸۸)۔ ٭مولانا ابو الکلام آزاد(ہند-محقق، مفکر، مجاہد آزادی: ۱۹۵۸-۱۸۸۸)
٭شیخ بدیع الزماں سعید نورسی (ترکی-عالم، مصلح: ۱۹۶۰-۱۸۷۸)۔
٭ امام محمد زاہد الکوثری (ترکی/مصر/شام -فقیہ، محدث : ۱۹۵۱-۱۸۷۹)۔ ٭ محمدفواد کوپرولو (ترکی-مورخ: ۱۹۶۶-۱۸۹۰)۔
٭ مفتی امین الحسینی (فلسطین - عالم، فقیہ، محرک آزادی : ۱۹۷۴-۱۸۹۵)۔
٭حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب (ہند-عالم، محقق، مفکر، خطیب: ۱۹۸۳-۱۸۹۷)۔
٭ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی (ہند/پاکستان - سائنسداں : ۱۹۹۴-۱۸۹۷)۔
٭ شیخ محمد ابو زہرہ (مصر-عالم، مفکر، فقیہ: ۱۹۷۴-۱۸۹۸)
٭محمد اسد (لیوپولڈ ویس) (آسٹریا/ہسپانیہ-مفسر، صحافی: ۱۹۹۲-۱۹۰۰)۔
٭ مولانا محمد یوسف بنوری(پاکستان-عالم، محدث : م: ۱۹۷۷-)۔ ٭ڈاکٹر قدرت خدا (بنگلہ دیش-سائنسداں : ۱۹۷۷-۱۹۰۰)۔
٭ خلیل اِنالجک (ترکی-مورخ : -۱۹۰۵)۔ ٭مولانا حامد الانصاری غازی(ہند-صحافی، مفکر، محقق، مجاہد آزادی: ۱۹۹۲-۱۹۰۷)۔
٭ ڈاکٹر محمد حمیداللہ (حیدرآباد/فرانس-عالم، مورخ، محقق: ۲۰۰۲-۱۹۰۸)۔
٭ڈاکٹر رضی الدین صدیقی (پاکستان - سائنسداں : ۱۹۹۸-۱۹۰۸)۔
٭ابوبکر سراج الدین مارٹن لنگس (کینڈا-عالم، صوفی، سیرت نگار، محقق: ۲۰۰۵-۱۹۰۹)۔
٭ شیخ عبداللہ الغمری (مراکش-عالم، محدث، فقیہ، صوفی-۱۹۱۰)۔
٭عائشہ بنت عبدالرحمٰن-بنت الشاطی( مصر-عالمہ، مفسر، ادیبہ: ۱۹۹۹-۱۹۱۳)۔
٭ڈاکٹر تھامس بیلنٹائن (ٹی۔ بی۔ ) اِروِنگ(امریکہ- مترجم قرآن، ماہر لسانیات، مدرس: ۲۰۰۲-۱۹۱۴)۔
٭زینب الغزالی (مصر-عالمہ، ادیبہ : ۲۰۰۵-۱۹۱۷)۔ ٭ محمد الغزالی (مصر-عالم، محقق: ۱۹۹۶-۱۹۱۷)۔
٭ اسمٰعیل راجی الفاروقی شہید (امریکہ-محقق: ۱۹۸۶-۱۹۲۱)۔ ٭ ڈاکٹر مصطفیٰ محمود (مصر - سائنسداں : ۲۰۰۹-۱۹۲۱)۔
٭مولانا سعید احمد اکبرآبادی(ہند-عالم، محقق، مدرس)۔ ٭ شیخ انطا ضیوف (سینیگال - مورخ، سائنسداں : ۱۹۸۶-۱۹۲۳)۔
٭ڈاکٹر سید صمد حسین (پاکستان- فلکیاتی، طبیعیاتی: -۱۹۲۴)۔ ٭خلیق احمد نظامی(ہند-مورخ، محقق: -۱۹۲۵)۔
٭ڈاکٹر منیر احمد خان (پاکستان - نیوکلیائی سائنسداں : -۱۹۲۶)۔ ٭ڈاکٹر سید ظہور قاسم (ہند - سائنسداں : -۱۹۲۶)۔
٭ ڈاکٹر عرفان حبیب(ہند-مورخ، محقق: -۱۹۳۱)۔ ٭ ڈاکٹر اے۔ پی۔ جے۔ عبدالکلام (ہند- سائنسداں : -۱۹۳۱)۔
٭ ڈاکٹر عبید الرحمٰن صدیقی(ہند-سائنسداں : -۱۹۳۲)۔ ٭ شیخ حسن الترابی (سودان - عالم، سیاست داں : -۱۹۳۲)۔
٭ڈاکٹر علی شریعتی (ایران:ماہر عمرانیات، انقلابی: ۱۹۷۷-۱۹۳۳)۔ ٭ سید حسین نصر (ایران/امریکہ-اسلامی فلسفہ : -۱۹۳۳)
٭ڈاکٹرعبدالقدیر خان (پاکستان-سائنسداں : -۱۹۳۶)۔ ٭ محمد یونس (بنگلہ دیش - اقتصادیات، رفاہیات عامہ : -۱۹۴۰)۔
٭ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی (پاکستان-عالم، قانون داں، مدرس، محقق: -۱۹۴۳)۔ ٭ڈاکٹر اصغر قادر (پاکستان، فلکیاتی: -۱۹۴۶)۔
٭ عائشہ (عبدالرحمٰن ترجمانہ) بیولی (امریکہ-تصوف، عالمہ، محقق: -۱۹۴۸)۔ ٭ ڈاکٹر شیر علی (ہند-سائنسداں : -۱۹۵۵)۔
٭ مفتی زَروَلی خان (پاکستان - عالم، مفسر، محدث : -۱۹۵۵)۔ ٭ عدنان اوکتار عرف ہارون یحی (ترکی - سائنس داں : -۱۹۵۶)۔
٭ یوسف زیدان (مصر - اسلامیات، آثار قدیمہ، محقق : -۱۹۵۸)۔
٭شیخ حمزہ یوسف ہانسن (امریکہ-عالم، تصوف، مدرس، محقق: -۱۹۶۰)۔ سیاست: (۴۱)
٭ مرزا محمد طارق اُلُغ بیگ (فارس - بادشاہ، مہندس، فلکیاتی : ۱۴۴۹-۱۳۹۴)۔ ٭سلطان محمد فاتح(عثمانیہ ترکی : ۱۴۸۱-۱۴۳۲)۔
٭سلطان سلیمان قانونی(عثمانیہ ترکی: ح: ۱۵۶۶-۱۵۲۰)۔ ٭سلطان سلیم ثانی (عثمانیہ ترکی: ۱۵۷۴-۱۵۲۴)۔
٭ظہیر الدین بابر(ہند:۱۴۸۳-۱۵۳۱)۔ ٭شاہجہاں (ہند: ۱۶۶۶-۱۵۹۲)۔ ٭ اور نگزیب عالمگیر(ہند: ۱۷۰۷-۱۶۱۸)۔
٭آصف جاہ نظام الملک اول (ہند: ۱۷۵۸-۱۶۷۱)۔ ٭ نواب بنگال مرزا محمد سراج الدولہ (ہند- ۱۷۵۷-۱۷۲۸)۔
٭سلطان ٹیپو شہید(ہند: ۱۷۹۹-۱۷۵۰)۔ ٭مولانا فضل حق خیرآبادی (ہند-عالم، انقلابی: ۱۸۶۱-۱۷۹۱)۔
٭ مولانا احمد اللہ شاہ مدراسی(ہند-عالم، مجاہد آزادی: پ: ۱۸۲۵ تقریباً)۔
٭امام شامل (داغستان/چیچنیا-عالم، انقلابی: ۱۸۵۹-۱۷۹۷)۔ ٭ امیرعبدالقادر الجزائری (الجزائر:مجاہدآزادی: ۱۸۸۳-۱۸۰۸)۔
٭ اعرابی پاشا (مصر- انقلابی: ۱۹۱۱-۱۸۳۹)۔ ٭ سعد زغلول پاشا (مصر - انقلابی، محرک آزادی : ۱۹۲۷-۱۸۵۹)۔
٭سلطان عبدالحمید ثانی (عثمانیہ ترکی-سلطان: ۱۹۰۹-۱۸۷۶)۔
٭ شیخ الہند مولانا محمود الحسن(ہند: عالم، محدث، مفسر، مفکر، محرک آزادی: ۱۹۲۰-۱۸۵۱)۔ ٭شیخ احمد سنوسی (لبیا-صوفی، مجاہد آزادی)۔
٭ محمد علی جوہر (ہند-صحافی، مدبر: ۱۹۳۱-۱۸۷۸)۔ ٭ عمر مختار شہید (لبیا-عالم، مدرس، مجاہد آزادی: ۱۹۳۱-۱۸۶۲)۔
٭امیر شکیب ارسلان (لبنان -ادیب، سیاست داں : ۱۹۴۶-۱۸۶۹)۔ ٭ انور پاشا (عثمانی ترکی : ۱۹۲۲-۱۸۸۱)
٭جلال بایار (ترکی- انقلابی : ۱۹۸۶-۱۸۸۳)۔ ٭ محمد ابن عبدالکریم الخطابی ( مراکش- انقلابی، مجاہد آزادی : ۱۹۶۳-۱۸۸۳)
٭مولانامحمد میاں منصور انصاری(ہند/افغانستان-عالم، مفکر، انقلابی : ۱۹۴۹-۱۸۸۶)۔
٭مولانا ابو الکلام آزاد(ہند-محقق، مجاہد آزادی: ۱۹۵۸-۱۸۸۸)۔ ٭امیر امان اللہ خان (افغانستان:۱۹۶۰-۱۸۹۲)۔
٭ رفیع احمد قدوائی (ہند - ۱۹۵۴-۱۸۹۴)۔ ٭ مفتی امین الحسینی (فلسطین - عالم، فقیہ، محرک آزادی : ۱۹۷۴-۱۸۹۵)۔
٭ عدنان مندریس (ترکی - انقلابی : ۱۹۶۱-۱۸۹۹)۔ ٭ مولانا حفظ الرحمان سیوہاروی(ہند-عالم، محقق، مجاہد آزادی)۔
٭ کنعان ایورن (ترکی : - ۱۹۱۷)۔ ٭جمال عبدالناصر(مصر: ۱۹۷۰-۱۹۱۸)۔
٭ جنرل ضیاء الحق (پاکستان - صدر: ۱۹۸۸-۱۹۲۴)۔ ٭نجم الدین اربکان (ترکی- انجنئر، پروفیسر، سیاست داں : -۱۹۲۶)۔
٭علیہ عزت بیگووِچ (بوسنیا-انقلابی، صدر: ۲۰۰۳-۱۹۲۵)۔ ٭محاتیر محمد(ملیشیا-طبیب، سیاست داں : -۱۹۲۵)۔
٭ تُرگُت اوزال (ترکی : ۱۹۹۳-۱۹۲۷)۔ ٭ رجب طیب اِردُگان (ترکی : -۱۹۵۴)۔ ٭ عبداللہ گل(ترکی : -۱۹۵۰)۔
ادبیات:(۲۶)
٭نظیری نیشاپوری (ایران/ہند-شاعر: م: ۱۴۱۲)۔ ٭مولانا عبدالرحمٰن جامی (افغانستان-شاعر، صوفی: ۱۴۹۲-۱۴۱۴)۔
٭ملا طاہر غنی کاشمیری(ہند-شاعر: ۱۶۶۴-۱۶۳۰)۔ ٭مرزا محمد رفیع سودا(ہند-شاعر: ۱۷۸۱-۱۷۱۳)۔
٭ میر تقی میر(ہند-شاعر: ۱۸۱۰-۱۷۲۳)۔ ٭مرزا اسداللہ خان غالب(ہند-شاعر: ۱۸۶۹-۱۷۹۷)۔
٭علامہ راشد الخیری (ہند- ادب نسواں : ۱۹۳۶-۱۸۶۸)۔ ٭ احمد شوقی (مصر-شاعر: ۱۹۳۲-۱۸۶۹)۔
٭ظفر علی خان (ہند/پاکستان-صحافی، شاعر: ۱۹۵۶-۱۸۷۳)۔ ٭محمد اقبال(ہند-شاعر، فلسفی : ۱۹۳۸-۱۸۷۷)۔
٭ امیر شکیب ارسلان (لبنان -ادیب، شاعر: ۱۹۴۶-۱۸۶۹)۔ ٭عمر ابو ریشہ(شام-شاعر، سفارت کار)۔
٭محمد لطفی جمعہ (مصر - ادیب، انشاء، انقلابی : ۱۹۵۳-۱۸۸۶)۔ ٭توفیق الحکیم (مصر - ناول : ۱۹۸۷-۱۸۹۸)۔
٭حفیظ جالندھری (ہند-پاکستان-شاعر:۱۹۸۲-۱۹۰۰)۔ ٭شفیع الدین نیر (ہند- ادب اطفال : ۱۹۷۸-۱۹۰۴)۔
٭عائشہ بنت عبدالرحمٰن (بنت الشاطی - مصر-مفسر، ادیبہ: ۱۹۹۹-۱۹۱۳)۔ ٭زینب الغزالی (مصر- ادیبہ : ۲۰۰۵-۱۹۱۷)۔
٭ہاجرہ نازلی (ہند-ادیبہ: ۲۰۰۴-۱۹۲۰)۔ ٭ محمد دیب (الجزائر - کہانی، عصری تاریخ، بچوں کا ادب : ۲۰۰۳-۱۹۲۰)۔
٭قرۃ العین حیدر (ہند-ادیبہ: ۲۰۰۹-۱۹۲۶)۔ ٭احمدو کوروما(ساحل العاج، مغربی افریقہ - ناول، انقلابی : ۲۰۰۳-۱۹۲۷)۔
٭ علی الامین مزروعی (کینیا - اسلامیات، سیاسی تبصرہ، مدرس، فلسفی : -۱۹۳۳)۔ ٭ عبداللہ سدران (بوسنیا - ادیب : -۱۹۴۴)۔
٭جمال الغیطانی (مصر - صحافی، تاریخی کہانی نگار : -۱۹۴۵)۔
٭ اسما گل حسن (امریکہ - ناول، سیاسی تبصرہ، قانون : -۱۹۷۴)
یہ تقریباً ڈیڑھ سو وہ افراد ہیں جنہوں نے اپنے اپنے میدانوں میں دنیا میں یا کم سے کم اپنے ملکوں اور معاشروں میں امتیاز حاصل کیا ہے۔ زوال کا شکار کسی قوم میں چھ سو برس میں اگر اتنے لوگ بھی مختلف میدانوں میں امتیازی مقام حاصل کر لیں تو یقین کرنا چاہیئے کہ وہ قوم اور معاشرہ زوال پذیر نہیں ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ بعض میدانوں میں کام سست ہو، مگر سست رفتاری کو زوال کا مترادف کبھی نہیں سمجھا گیا۔ ان تین فہرستوں میں ابھی بہت کچھ اضافہ ہو سکتا ہے۔ میں نے اسے صرف ایک خاص فکری سمت میں محدود رکھا ہے تاکہ تجزیہ کرنے میں سہولت ہو۔ ان فہرستوں سے ایک نکتہ پر روشنی پڑتی ہے کہ گزشتہ چھ سو سال میں مسلمان فکری اور علمی میدانوں میں بے انتہا متحرک ہیں، جبکہ ادبیات میں سب سے کمزور ہیں۔ سیاست میں اٹھارویں صدی کے آغاز سے اب تک احتجاج اور مزاحمت پر قوت مرکوز ہے۔ یہ بھی بہت کمزور پہلو ی عمل ہی کا فقدان ہے۔ اگر اور ا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مسلم معاشروں میں اجتماعی عمل ہی کا فقدان ہے۔ اگر اور اج تک جاری ہے اور اس کی ضیاونگزیب کے انتقال کو خط تفریق مان لیا جائے تو حقیقت ہے کہ پچھلے تین سو برس میں عملی سیاست سے متعلق لوگوں کے پاس عموماً کوئی نظریہ اور اصول اور مقصد نہیں ہے اس لئے ان میں اتفاقاً ہی کسی شخص نے کوئی امتیازی کام کیا ہے، اور کچھ کیا بھی ہے تو اس کے اثرات محدود رہے ہیں۔
}کیا مسلمان وقت کے کسی جامد لمحہ پر ٹھہرے ہوئے ہیں یا ایک ایسی سفر کی حالت میں ہیں جس کی منزل دور ہے
٭ڑی رکاوٹ دور ہو گئی‘‘۔ ہندا و ؟
نہیں۔ مسلمان کسی جامد لمحہ پر رکے ہوئے نہیں ہیں۔ وہ بحیثیت مجموعی متحرک اور حالت سفر میں ہیں۔
جب ہم ریل میں سفر کرتے ہیں تو بظاہر اپنے ڈبہ میں بیٹھے ہیں اور غیر متحرک ہیں، مگر اجتماعی طور پر ایک متعین منزل کی سمت رواں دواں ہیں۔ مسلمانوں کو بھی وقت ایک منزل کی طرف لئے بہت تیزی سے گزر رہا ہے۔ مسلمان ساری دنیا میں اسی کیفیت میں ہیں۔ منزل پر چشم زدن میں نہیں پہنچا جاتا۔ وقت لگتا ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ مسلمانوں کی بہت سی ٹرینوں کے ڈرائیور گاڑی چلانا نہیں جانتے اس لئے یا تو ان کی گاڑیاں ہچکولے کھا رہی ہیں یا غلط پٹری پر چلی گئیں جو منزل مقصود پر نہیں پہنچائے گی۔ یہ عملی سیاست سے وابستہ لوگ ہیں جن کے سامنے کوئی مقصد ہے نہ منزل، سوائے اپنی ذات کے۔ البتہ اہل علم اور اہل فکر مسلسل منزل کی سمت اشارے کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ ان اشاروں کو پا جاتے ہیں تو عارضی طور پر سمت قبلہ درست ہو جاتی ہے، مگر پھر کوئی منچلا اس سارے کئے کرائے پر پانی پھیر دیتا ہے۔ سیاست دانوں اور حکمرانوں کی اکثریت سیاسی عمل میں تسلسل اور تواتر نیز خدمت کے اصول سے غافل ہے۔ یہی اصل مسئلہ ہے۔
اس مسئلہ پر ایک اہم عمرانی نکتہ ہماری نگاہوں میں عموماً نہیں رہتا۔ مسلمانوں کی ترقی سے یہ سمجھنا غلط ہے کہ ساری دنیا کے تمام مسلمان ایک ہی وقت میں ایک ہی معیار کی ترقی کے نتیجہ پر پہنچیں گے۔ نہیں۔ عمرانیات اور تاریخ دونوں اس کی نفی کرتی ہیں۔
عروج و زوال کے سلسلہ میں اللہ تعالیٰ کی ایک حکمت اور انصاف کا ایک نظام ہے۔ یہ نظام ساری انسانیت کا احاطہ کرتا ہے۔ اللہ نے انسان کو مکرم بنایا ہے اور کفار و مشرکین تک اس کرم و شرف سے خالی نہیں ہیں اگرچہ انہیں اس کا عرفان نہیں ہے۔ چنانچہ اسی شرف کی بنا پر انسانوں کی ہر نوع کو تاریخ میں نمایاں کام کر دکھانے کے موقعے دئے جاتے رہے ہیں اور دئے جاتے رہیں گے۔ یہی کلیہ مسلمانوں پر بھی منطبق ہوتا ہے۔ مسلمان عرب بھی ہیں، ترک بھی، ہندی بھی، ملایاوی بھی، افریقی بھی، قفقازی بھی، اور عہد جدید میں یورپی بھی، شمالی امریکی بھی اور آسٹریلیاوی بھی۔ یہ دنیا کھیل ہے تو ہر کھلاڑی کو میدان میں اپنے جوہر دکھانے کا موقعہ ملنا ضروری ہے۔ تاریخ میں عرب، ترک اور ایرانی مسلمان اپنے جوہر دکھا چکے ہیں۔ تو یہ اندازہ کرنا مشکل نہیں کہ انصاف کرنے والے اللہ کی جانب سے نئے دور میں نئے علاقوں کے مسلمانوں کو موقعہ ملے گا۔
یہ کونسے مسلمان ہوں گے ؟
میرے تجزیہ کی سوئی چار سمتوں میں اشارہ کرتی ہے۔
ہندستان۔
شمالی امریکہ۔
وسطی یورپ۔
وسطی ایشیا۔
مگر ان میں پہلے تین خطوں کو کسی قائدانہ کر دار کے لئے ابھی کچھ اور انتظار کرنا ہے۔ اس کے کچھ اخلاقی اور کچھ عمرانی اسباب ہیں۔ امریکہ فی الحال عالمی فضا میں قائدانہ کر دار ادا کر رہا ہے۔ اس سے پہلے، تقریباً ۷۰ سال پہلے تک، یہ کر دار مغربی یورپ ادا کر رہا تھا۔ اسلامی عمرانی اصول کے تحت اب ان قوموں کے لئے مزید کوئی موقعہ نہیں ہے۔ مگر میرا تجزیہ عالمی کھلاڑیوں کے بارے میں نہیں ہے۔ یہ محدود ہے مسلمانوں تک۔ ان خطوں کے مسلمانوں نے ابھی کوئی تاریخی کر دار ادا نہیں کیا۔ اس کردار کی کچھ سخت شرائط ہیں۔ پہلے تین خطوں میں بڑا اخلاقی، تہذیبی اور انسانی فساد پایا جاتا ہے۔ جہاں فساد زیادہ ہو گا وہاں انقلاب کا امکان اتنا ہی بڑھ جائے گا۔ مگر پھر اس انقلاب کے لئے بڑی ابتکاری تخلیقی فکری اور عملی قیادت لازمی ہو گی۔ قیادت بجائے خود ایک مسئلہ ہے۔ یہ ارادتاً بھی پیدا کی جاتی ہے (جیسا کہ ہندستان میں شیخ الہند نے کیا تھا)، اور من جانب اللہ بھی ابھر آتی ہے جیسا کہ ہندستان میں چندر گپت موریہ اور بابر، اناطولیہ میں عثمان خان غازی، امریکہ میں جارج واشنگٹن، تھامس جیفرسن کی شخصیتوں میں دیکھا گیا تھا۔ البتہ یہ اتفاقات کی بات ہے۔ بنیادی کام یہی ہے۔ ان تین خطوں میں اقدام کا انحصار قیادت کی موجودگی پر ہے۔ تینوں علاقوں میں سر دست مسلم قیادت نہیں پائی جاتی۔ البتہ ضرورت اس قیادت کی تربیت اور اس کو ترتیب دینے کی ہے۔ یہ کام کسی مدرسہ میں ہو سکتا ہے، اور وہیں ہو گا۔ یہ معاملہ تفصیلی تجزیہ کا مطالبہ کرتا ہے۔
}کیا کام کرنے کے لئے سرمایہ یا کسی دولت مند کی اعانت لازمی ہے ؟
جی ہاں۔ سرمایہ قیادت کی ایک اہم ضرورت ہوتا ہے۔ مگر یہ وہ سرمایہ نہیں ہے جو عیش پسند مسلم سیاست داں اور حکمراں غیر ملکی بنکوں میں ذخیرہ کرتے ہیں، یا تیل اور اسلحہ کے کاروبار میں بطور رشوت لیتے ہیں۔ وہ سرمایہ نہیں، جہنم کا انگارہ ہوتا ہے۔ ان دولت اندوز افراد میں قائدانہ فراست بھی نہیں ہوتی۔ یہ لوگ زوال اور ادبار، پستی اور انحطاط کے کارندے ہوتے ہیں اور قوموں پر بطور سزا مسلط کئے جاتے ہیں۔ سرمایہ اسی وقت مفید ہوتا ہے جب قائدانہ فراست اور اخلاص انقلابی افکار میں لفظوں کی صورت اختیار کرتا ہے۔ سرمایہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی مادی قیادت کی ضرورت بھی تھا۔ حضرت ابوبکر الصدیق رضی اللہ عنہ اسی ضرورت کی تکمیل فرما رہے تھے کہ ایک سے زائد بار اپنی تمام دولت حضورؐ کے قدموں میں لا ڈالی تھی۔ اور بھی کئی حضراتؓ تھے، جن میں ام المومنین خدیجۃ الکبریٰؓ کا نام سر فہرست ہے۔ معاشرہ ترقی کرنا چاہتا ہے تو وہ افراد بھی پیدا کرنے پڑتے ہیں جو تکمیل مقاصد کی صدیقی سنت پر عمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
}کیا واقعی دنیا میں کسی ایسی قوم نے کوئی ترقی کی ہے جس کا خود پر اور اپنی صلاحیت اور استعداد پراعتماد ہی نہ ہو؟
اس سوال کا جوب نفی میں ہے۔ یہی اس عہد کا بڑا مسئلہ ہے۔ وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کر سکیں جن کا خود پر اعتماد نہیں ہوتا۔
٭٭٭

مستقبل

نکتہ

انسان فطرتاً مستقبل کو جاننے کا خواہشمند ہوتا ہے۔ مستقبل بینی کی صلاحیت کم و بیش سارے انسانوں میں پائی جاتی ہے۔ اسی مقصد کے لئے انسان خوابوں کی تعبیر جوئی، زائچہ کشی اور جیوتش اور ستارہ شناسی کا سہارا لیتا ہے۔

- جی۔ اے۔ جلبانی
سابق پروفیسر عربی، سندھ یونیورسٹی، حیدرآباد
ٹیچنگز آف شاہ ولی اﷲ، نئی دہلی (آزاد اردو ترجمہ:م ط غ) /ص ۱۷۰-۱۷۱

گفتہ

یہ عقیدہ کا اظہار نہیں شاہ ولی اﷲ محدث دہلوی کے ایک لمعۂ فکر کی ضمنی تشریح ہے۔ شاہ ولی اﷲ جنوبی ایشیائی معاشرہ میں جس ہمہ گیر انقلاب کے تمنا ئی تھے اس کا کوئی گوشہ ان کے تصور اور قلم سے مخفی نہیں رہا تھا۔ یہ الگ بات ہے کہ وہ خود برصغیر کی دنیائے علم و عمل سے مخفی رہ گئے۔
فی الجملہ مستقبل کو جاننے کی خواہش ایک ایسا امر ہے جو انسانوں کو دیگر تمام جانداروں سے ممتاز و ممیز کرتا ہے۔ اس خواہش کا سبب انسان کی قوت متخیلہ ہے۔ اس کی زرخیز اِبتکاری تخلیقی سوچ اسے دوسرے جانداروں کے مقابلہ میں بیک وقت کئی زمانوں میں زندہ رکھتی ہے۔ وہ اپنے ماضی کی یادوں میں بھی اتنا ہی مگن رہتا ہے جتنا اپنے حال سے باخبر ہوتا ہے، اور ماضی و حال کی طرح مستقبل سے بھی لاعلم نہیں رہنا چاہتا۔ اس خواہش کے اظہار اور اس کو عملی شکل دینے کے لئے وہ مختلف طریقے اختیار کرتا ہے۔ ذہنی طور پر کمزور انسان کائنات میں ساری و متحرک توانائیوں کو خود سے برتر سمجھتا ہے۔ وہ ہاتھوں کی لکیروں، ستاروں کے صعود و زوال، رنگ برنگے کارڈوں، اور بے زبان طوطوں کی چونچوں میں مستقبل کی جھلک دیکھنا چاہتا ہے۔ ایسا شخص اٹکل کے ان کھیلوں میں اپنے زمانوں سے بے خبر ہو کر انسان کو ودیعت کردہ بلند فکری مقام سے گر جاتا ہے اور اپنی اس حالت زار کا اسے احساس بھی نہیں ہوتا۔ مگر فکری سطح پرقوی اور متحرک انسان اپنا مستقبل نہ کسی طوطے کی چونچ کے حوالے کرتا ہے اور نہ ہاتھ کی ریکھاؤں میں ڈھونڈتا ہے، بلکہ اپنے قلم یا فگار انگلیوں سے خود لکھ دیتا ہے۔ وہ چھوٹی اور ہنگامی سطح پر اپنے مجوزہ مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے منصوبہ سازی کرتا ہے ؛ اور یوں مستقبل کا عمل انسانی فکر و عمل کے تابع ہو جاتا ہے۔
منصوبہ سازی سے حکمت عملی پیدا ہوتی ہے جو ایک مربوط عمل کے ذریعہ آئندہ کی متصورہ صورت حال کو لمحہ بہ لمحہ انسان کی ارتقا پذیر سوچ اور ارتفاعی عمرانی ضرورت کے مطابق حقیقی بناتی چلی جاتی ہے۔ یہ ایک بڑی کامیابی کی بات ہے کہ انفرادی سطح کا یہ عمل جب پھیلتا ہے تو اجتماعی سطح پر گروہوں اور قوموں کو شہوارِ یقیں پر بٹھا کر ایک ایسے مستقبل کی جانب رواں کر دیتا ہے جس کی ہر جہت کا اس قوم یا گروہ کو پہلے سے ادراک ہوتا ہے۔ ایسی قومیں اندھیرے میں تیر چلاتی ہیں نہ ان میں بھٹکتی ہیں۔ ایسی قومیں ضیا آفریں ہوتی ہیں۔
معاشرہ میں جو افراد مستقبل سازی کی ایسی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں وہ دیگر انسانوں سے زیادہ ذہین و فطین ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ ہر سماجی گروہ اور ہر قوم میں بہ کثرت پائے جاتے ہیں، مگر فطرتاً اپنی تلاش اور دریافت کے منتظر رہتے ہیں۔ تو جو قومیں اور سماجی گروہ ایسے افراد کا پتہ لگا کر ان کی فکری اور عملی رہنمائی کو قبول کر لیتی ہیں وہ دنیا میں کامیاب ہوتی چلی جاتی ہیں، اور جو قومیں ایسے افراد پر پابندیاں عائد کر دیتی ہیں یا انہیں ضائع ہونے کے لئے چھوڑ دیتی ہیں وہ خود اپنے ہاتھ سے اپنے مستقبل اور حال دونوں کی نفی تحریر کر دیتی ہیں۔
قوموں کی پسماندگی کا سبب بس یہ نہیں ہوتا کہ ان کے پاس جامعاتی تعلیم کا مناسب انتظام نہیں ہے، ڈاکٹروں اور انجنئروں کا فی صدی تناسب گرا ہوا ہے، انسان کش ہتھیار یا آلات تفریح بنانے کے کارخانوں کا فقدان ہے، جنگجو فوجوں اور مخلص لیڈروں کی کمی ہے، بلکہ یہ ہے کہ ان کے پاس سوچنے والے دماغ اور مستقبل بیں آنکھیں نہیں ہیں۔ مدارس و جامعات میں رسمی تعلیم الگ شے ہے اور وہاں غور و فکر و عمل کی صلاحیت پیدا کرنا دوسری بات ہے۔ جاپان دوسری عالمی جنگ کا سب سے زیادہ شکست خوردہ ملک تھا، جہاں آج بھی۰۰۰، ۴۰ امریکن فوجی ڈیرہ ڈالے ہیں۔ گذشتہ صدی کی نویں دہائی میں وہاں صرف نجی زمرہ ہی میں ۰۰۰، ۱۸ تھنک ٹینک تھے جن کے جملہ اخراجات مقامی نجی تجارتی ادارے اور تاجر خاندان برداشت کرتے تھے۔ یہ اخراجات دسیوں بلین ڈالر سالانہ کے تھے۔ یہ وہ ملک تھا جو اپنی اسی استعداد کے باعث خالص مغربی/مسیحی گروہ گروپ آف سیوَن / G7 Group of Seven کا واحد غیر مغربی/غیر مسیحی رکن بن سکا تھا۔ اُس قوم نے ۶ اور ۹ اگست ۱۹۴۵ کو ہیروشیما اور ناگاساکی پر امریکی ایٹم بم کی ہوش ربا تباہی کے بعد بھی اپنا مستقبل روشن دیکھا اور ۴۰ سال سے کم عرصہ میں اس مستقبل کو حقیقی صورت حال میں ڈھال کر اپنے ملک کے فاتحین کو اپنا اقتصادی باج گزار بنا کر دکھا دیا۔
یہ تو تحقیق نہیں کہ شاہ ولی اﷲ کی تحریروں اور فکر سے جاپانیوں نے کچھ فائدہ اٹھا یا تھا یا ان کی ساری کارروائی فقط اپنے فکری اور عملی بل بوتے پرتھی۔ شاہ ولی اﷲ کا خوابِ مستقبل بہر حال جنوبی ایشیا پر مرکوز تھا۔ اُس خطہ میں ۹۰ سال میں دو تباہیاں آئیں۔ پہلے ۱۸۵۷ کی جنگ کے بعد ہنگا مۂ دار و گیر بپا ہوا پھر ۱۹۴۷ کے خون میں نہائے فسادات پھیلے۔ اُس وقت اندھیرے میں روشنی کس نے دیکھی تھی؟رات آتی ہے تو آدمی گزر کر لیتا ہے۔ صبح کے انتظار میں سو جاتا ہے، مگر اس وقت بھی جب ساری دنیا سوتی ہے دنیا میں کچھ لوگ جاگتے رہتے ہیں۔ تاریخ بھری پڑی ہے ایسے زندہ و بیدار انسانوں کے ناموں سے۔ اور تاریخ بھری پڑی ہے ان قوموں کے المیوں سے بھی جن کو اجتماعی موت سے ہمکنار ہوتے ہوئے بھی یہ پتہ نہ ہوا کہ ان کو زندہ اور بیدار رکھنے کے لئے کون کون رات رات بھر جاگا کرتا تھا اور رویا کرتا تھا۔
اپنے لڑکپن کا ایک واقعہ یاد آیا۔ بمبئی میں ہمارے گھر کے سامنے کی ایک سہ منزلہ عمارت ایک روز منہدم ہو گئی۔ ایک بوڑھی پھوپی، ایک جوان بھتیجی، ایک ادھیڑ عمر مرد تین افراد اس حادثہ میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ اپنے گھر میں بیٹھے اس روح فرسا منظر کو دیکھتے ہوئے ہم میں سے کسی نے کہا کہ اتنی بڑی عمارت اچانک منہدم ہو گئی۔ والد صاحب، مولانا حامد الانصاری غازی، نے کہا، وہ عمارت اچانک نہیں گری تھی، بلکہ ہر گرنے والی عمارت کافی پہلے سے اپنے بسنے والوں کو اشارے دیتی رہتی ہے کہ وہ اب گرنے والی ہے۔ قوموں کا بھی یہی حال ہے۔ کچھ لوگ مستقبل کے خطرات یا امکانات کے ان پیغاموں کو سمجھ لیتے ہیں اور دوسروں کو نیز خود کو بچا لیتے ہیں، اور کچھ ان اشاروں کی پرواہ نہیں کرتے وہ خود بھی تباہ ہوتے ہیں اور اوروں کو بھی ڈبو دیتے ہیں۔
زمین پر آباد موجودہ نسل میں جن کی عمریں ۴۰ سال سے زیادہ ہیں ان میں آج بھی چند لوگ ایسے ضرور ہوں گے جو نویں دہائی کے وسط میں سوویت یونئن کے انہدام کے اشارے سمجھ رہے تھے۔ مگر وہ لوگ ماسکو میں تھے نہ واشنگٹن اور لندن میں۔ تقریباً ۲۶۰۰ سال پہلے یروشلم میں بھی یرمیاہؑ نبی کی نظر مستقبل کے جس امکانی نقطے پر تھی اسے ان کا کوئی ہم عصر دیکھنا تو کجا اس کا ذکر سننے کا بھی روادار نہ تھا۔
بر صغیر - اور خود عالم اسلام - میں ہماری نسلیں تین صدیوں سے عالم پریشانی میں جی ر ہی ہیں۔ ہم سب بظاہر اجتماعی مستقبل کی خاطر بڑے پریشان ہیں، مگر یہ پریشانی ایسے گروہوں کی ہے جو جنگل کے بیچ درختوں کے جھنڈ میں گم سمت سفر کا تعین نہ کر سکیں۔ اس پریشانی میں کوئی عیب نہیں، بس اتنا ہے کہ دن سے رات اور رات سے دن ہو جاتا ہے مگر دیکھنے والوں کو مشرق مغرب کا پتہ نہیں ملتا۔ اور یہ اس لئے ہوتا ہے کہ ہر شخص اپنا نقطۂ نظر پیش کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اس طرح وہ مسائل کے حل کی سمت پیش قدمی میں مدد دے رہا ہے۔ اگر ایسا ہے تو شاہ ولی اﷲ کی اٹھارویں صدی سے آج اکیسویں صدی آ گئی، اور مسائل کا انبار ہے کہ بڑھتا تو دکھائی دیتا، کوئی مسئلہ حل ہوتے نہ دیکھا گیا، اور ہر وہ عمل۔ جسے کسی مسئلہ کا حل سمجھا گیا، خود نئے مسائل کا بیج ثابت ہوا۔
بات مایوسی کی نہیں : جب تک یہ امکان ذہنوں میں ہے کہ ایک بہتر مستقبل اگلے کسی پڑاؤ پر ہمارا منتظر ہے۔ مگر پوچھنا یہ ہے کہ وہ پڑاؤ ہے کہاں، اس کے لئے کتنا اور چلنا ہو گا، کس سمت میں قدم بڑھانا ہے، اس مستقبل کے خد و خال کیا ہیں۔ بڑے ٹیڑھے سوال ہیں یہ۔ تاہم ان کا جواب بہت سہل ہے۔ جو لوگ جیوتش، ستارہ شناسی، اور دست شناسی پر بھروسہ کرتے ہیں وہ خود اپنے ہاتھوں کی لکیروں کا مطلب نہیں نکالتے، جنہیں آسمان پر دمکتے ستاروں کے ناموں اور مداروں سے بھی واقفیت نہ ہو وہ ان کے اثرات کی بنا پر پیشین گوئیاں خود نہیں کرتے۔ اس مقصد کے لئے وہ کسی دست شناس، کسی نجومی کے پاس جاتے ہیں۔ تو کیا حیرت کا مقام نہیں کہ توہم پسند لوگ تواپنے ذاتی مستقبل کے معاملے میں اس قدر احتیاط پسند ہیں اور وہ جو حقیقت پسندہیں اجتماعی مستقبل کے بارے میں احتیاط سے اتنے ہی دور ہیں ؟
یہ رویوں کی بات ہے۔ مجھے یاد آیا۔ گزشتہ صدی کی آخری دہائی کے شروع کی بات ہے۔ جدہ میں چند احباب ہر بدھ کی شب میں ضیاء الدین نیر صاحب کے گھر پر جمع ہوتے تھے۔ وہاں مصلح الدین سعدی، اوصاف احمد، میر ایوب علی خان اور خود نیر صاحب جیسے بڑے پڑھے لکھے اور دانشمند لوگ دنیا جہاں کے موضوعات پر گفتگو کرتے تھے۔ پھر ماہانہ لیکچروں اور مقالوں کا ایک سلسلہ اس عنوان سے شروع کیا گیا کہ دنیا کے مسلمانوں کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں یہ پتہ نہیں کہ ان کے مسائل کیا ہیں۔ تو ان کی کھوج لگائی جائے۔ پہلا مقالہ ڈاکٹر اوصاف احمد نے پڑھا، موضوع تھا صنعتی انقلاب سے مسلمان متاثر کیوں نہیں ہوئے۔ مقالہ اور بعد کی بات چیت کو سمیٹتے ہوئے میں نے ایک جملہ کہا تھا: اس کا سبب اہل مغرب اور اہل ایشا کے رویوں کا فرق تھا۔ اس فرق پر آئندہ کبھی نکتگو کریں گے، ان شاء اﷲ۔
٭٭٭

اِستحقار

نکتہ

انسانی نفسیات کا ایک مسلمہ اصول ہے کہ وہ فرد جس کا کوئی شخصی وجود ہو نہ کوئی اصل، اور جس کے پیرو بے قدر و قیمت ہوں، نمود و نمائش پر مرتا ہے اور کج نفسیات کی بنا پر غیروں کی اندھی پیروی کرتا ہے۔ اپنے وجود اور اس سے متعلق ہر امر کے تعطل اور خود اپنی ذات کے انکار اور تحقیر، نیز دوسروں کے طرز کی نقل کر کے وہ اپنی نئی شخصیت بنانے اور اس میں نئی صفات اور نئی شکل و شباہت دیکھنے کی کوشش کرتا ہے۔ انسانی نفسیات کے اسی مظاہرہ کے نتیجے میں یورپی استعمار کو ایسے ملکوں اور منطقوں میں کامیابی حاصل ہوئی جن کی جڑیں تاریخ میں پیوست تھیں۔ استعماریوں نے ان قوموں کے لئے ایسی نفسیات ہی کا سہارا لے کر علمی موشگافیوں اور باریک عمرانیاتی حیلوں سے ان قوموں کی اپنی ثقافت کو خود ان کے لئے اجنبی اور ان کی زندگیوں سے دور کر دیا تاکہ انہیں نہ تو اپنی اس شناخت میں کوئی قابل فخر عنصر نظر آئے اور نہ ہی وہ اس سے اپنا انتساب کرنے کے قابل رہیں۔ چنانچہ استعماری قوموں نے محکوموں کی تاریخ کو نہ صرف ہر قیمت پر مسخ کیا بلکہ ان کے لئے اسے قابل حقارت بنا دیا۔
- علی شریعتی
العودہ الیٰ الذ ات (خودی کو واپسی Return to Self ) (عربی سے آزاد ترجمہ: م ط غ)، ص ۱۰۸

گفتہ

کچھ اور لکھتے لکھتے تھک کر میں کچھ دیر کے لئے بستر پر جا لیٹا اور سرہانے کے برابر الماریچہ سے یونہی ایک عربی کتاب ورق گردانی کے لئے اٹھا لی۔ اسے کھولتے ہی جو عبارت سامنے آئی وہی آج کا نکتہ ہے۔ اس عبارت پر نظر پڑتے ہی میں دوبارہ لکھنے کی میز پر آ بیٹھا۔
علی شریعتی (۱۹۷۷-۱۹۳۳)ایران کے ایک نامور دانشور تھے۔ انہوں نے عمرانیات کو اجتماعی نفسیات کی روشنی میں دیکھتے ہوئے چند الفاظ میں استعمار کی شکار قوموں کا جو تجزیہ کیا ہے وہ پچھلے دو سو سال میں ملیشیا سے مراکش تک نمودار ہونے والے مصلحین کے ذہنوں میں جھانکنے کے لئے درزیں پیدا کرتا ہے اور ان تمام قوموں کی تا حال فکری حالت کا پردہ چاک کرتا ہے۔
یورپی تاجروں نے سترھویں صدی کے آغاز میں افریقہ اور ایشیا میں پیر پھیلانے شروع کر دئے تھے۔ ایسٹ انڈیا کمپنی ۳۱ دسمبر ۱۶۰۰ کو الزیبتھ اول کے ایک فرمان کے ذریعہ قائم ہوئی تھی۔ وہ تو دھوکے کی ٹٹی تھی۔ اصل کھیل تو لندن، پیرس، امسٹرڈیم، بروسیلز وغیرہ کی نیم تاریک راہداریوں اور بند ایوانوں میں کھیلا جا رہا تھا۔ شاہ برطانیہ جیمس اول کا سفیر طامس رو ۱۶۱۵ میں ہندستان میں وارد ہوا اور سادہ دل مغل بادشاہ جہانگیر سے سورت میں ٹیکس معاف کروانے میں کامیاب ہو گیا۔ دوسرے مرحلہ پر بنگال کی دیوانی معاف ہوئی اور تیسرے مرحلہ پر بنگال کے نواب سراج الدولہ کا خاتمہ ہوا۔ سورت میں آزاد تجارت کے جہانگیری فرمان سے ہندستان کو سلطنت برطانیہ کا غلام بنانے کے وکٹوریائی فرمان تک ۲۴۲ برس میں کمپنی بہادر ہندستانیوں کے ایک طبقے کو ان کی تاریخ اور عصری شناخت کے بارے میں خاصی گمراہ کر چکی تھی۔ کلکتہ میں فورٹ ولیم سترہویں صدی کے آخری برسوں میں تعمیر ہو گیا تھا، پھر سو برس نہ گزرے تھے کہ۱۷۸۴ میں ایشیاٹک سوسائٹی قائم کی گئی جس کے ذریعہ ہندستانی تاریخ اور ثقافتی شناخت کو چہار درویش اور گل بکاولی قسم کی کہانیوں میں دفن کیا جانے لگا۔
ہندستان میں کمپنی کا پہلا بڑا شکار رام موہن رائے اور ٹیگور خاندان کے جد اعلیٰ، دوارکا ناتھ ٹھاکر، اور ان کے بیٹے دیبیندرا ناتھ ٹھاکر تھے۔ یہ سب کسی نہ کسی درجہ میں کمپنی کے ملازمین تھے اور اصلاحی تحریکات کے بانی بھی۔ انگریزوں سے قربت اور مشابہت پیدا کرنے کے لئے اس ٹھاکر خاندان نے جلد ہی خود کو ٹیگور کہنا اور لکھنا شروع کر دیا۔ بیس سالہ بنگالی برہمن پنڈت رام موہن رائے کو انگریزی سیکھنے کا اشتیاق ہوا اور ان کے دوست ہری ہر نند ودیا واگیش نے ۱۷۹۵ میں انہیں پیشہ ور موچی عیسائی مبلغ، ولیم کیری، سے ملایا۔ تینوں میں گہری دوستی قائم ہو گئی بالآخر ان تینوں نے مل کر مہا نروان تنترا نام سے ایک کتاب ہندو مت کے بارے میں لکھی اور رام موہن رائے نے اسے ایک قدیم مذہبی کتاب قرار دے کر ہندوؤں میں پھیلانا شروع کیا، یہاں تک کہ کمپنی کی عدالتوں میں عرصۂ دراز تک ہندوؤں کے مقدمات میں اس تنترا کو حوالہ کی کتاب کے طور پر استعمال کیا جا تا رہا۔ اس کتاب میں عیسائی عقیدہ کی مقدس روح کو برہما کے نام سے پیش کیا گیا تھا، جو تقریباً ۳۰ سال بعد موہن رائے کی اصلاحی تحریک برہمو سماج کے مذہبی عقیدہ کا نقطۂ اول ثابت ہوا۔ برہمو سماج تحریک کے بانیوں میں ربندرناتھ ٹیگور کے والد دیبیندر ناتھ ٹھاکر شامل تھے۔ وویکانند بھی اسی زمرہ میں آتے ہیں۔
یہ بہت نازک بات ہے۔ رام موہن رائے نے عیسائی مذہب کے زیر اثر ہندو معاشرے میں کچھ ایسی مثبت اصلاحات کی سمت قدم اٹھایا - مثلاً ستی کی رسم کا بند کرنا، اور ہندو عورتوں کو میراث میں حصہ دینا - جنہیں پچھلے سات سو برس میں مسلم حکمرانوں نے ہندو رعیت کی دل آزاری کے خیال سے نہیں چھوا تھا اور انہیں تبدیل کرنے کی کسی موثر کارروائی سے اجتناب کرتے رہے تھے۔
ہندووں میں اس یورپی تحریک کے نتیجہ میں پنڈت مدن موہن مالویہ نے بنارس اور دربھنگہ کے راجاؤں کی مالی اور اراضی کی امداد سے یکم اپریل ۱۹۱۶کو بنارس ہندو یونیورسٹی قائم کی جس کے نتیجہ میں تحریک کے اثرات عوام میں پھیلنے شروع ہوئے۔ مسلمانوں سے چونکہ راست مقابلہ تھا اور انہیں انگریز بڑی حد تک اپنا اصل دشمن گردانتے تھے اس لئے اول تو مسلما ن عوام و خواص انگریزوں کو عام طور سے ناپسند کرتے تھے اور یکے بعد دیگرے علاقائی حکومتیں چھننے سے برہم بھی تھے۔ چنانچہ ان میں رام موہن رائے کے انداز کی کوئی تحریک نہ آسانی سے شروع ہو سکتی تھی اور نہ اٹھارویں صدی کے آخر اور انیسویں صدی کے شروع میں اسے کوئی قائد میسر تھا۔ یہ کام ۱۸۵۷ کے بعد، رام موہن رائے کی طرح کمپنی کے ایک عدالتی اہل کار، سید احمد، کے ذریعہ شروع ہوا اور اس جنگ کے ۱۸ سال بعد پہلا مسلم کالج علی گڑھ میں قائم ہوا۔ ہندوؤں اور مسلمانوں میں ان دونوں متوازی تحریکات کا موازنہ بھی خاصا دلچسپ ہے۔ ہندوؤں کے پہلے کالج کا نام سینٹرل ہندو کالج تھا جو بعد کو ہندو یونیورسٹی کا پہلا تعلیمی ادارہ بنا۔ سید احمد نے اپنے کالج کا انتساب انگلستانیت سے کیا تھا اور اس کا نام محمڈن اینگلو اورینٹل کالج رکھا تھا۔
اس پوری تاریخ کو سمجھنے کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ صرف ہندستان اور وہاں کے ہندوؤں اور مسلمانوں ہی کے لئے نہیں بلکہ مصر و شام کی راہ سے سارے عالم عرب اور ترکی و ایران، نیز ملایا، بٹاویا (جاوا اور سماترا)، ہر جگہ مقامی لوگوں کی نفسیات میں حسب دلخواہ تبدیلی کے لئے یورپی طرز تعلیم اور یورپی علوم ہی سے مدد لی گئی۔ علاقائی حالات کے مطابق معمولی تبدیلیوں کی گنجائش تو تھی لیکن اساسی اصول ہر جگہ ایک ہی تھے۔ انہی اصول پر ۱۱ ستمبر ۲۰۰۱ کے بعد سعودی مملکت اور برصغیر میں اسلامی نظام تعلیم کے خلاف مہم شروع ہوئی۔
ایک اہم نکتہ یہ ہے کہ اس انداز کی استعماری تحریکات ساری مسلم دنیا میں شروع کی گئی تھیں، وہ اس لئے کہ یورپ سے ہندستان، آسٹریلیا، نیو زیلینڈ، مشرقی ایشیا اور چین تک جانے کے لئے جگہ جگہ انہیں ملکوں سے گزرنا پڑتا تھا، چنانچہ ان علاقوں پر قبضہ اور ان کی اجتماعی نفسیات میں ناقص تبدیلیوں کی ضرورت ابتدا ہی میں محسوس کر لی گئی تھی۔ مصر سلطنت عثمانیہ کا ایک نیم آزاد صوبہ تھا۔ یورپ کی ناک کے نیچے، افریقہ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے مصر کی سیاسی اور جغرافیائی اہمیت ناقابل انکار تھی۔ وہاں سکاٹلینڈ کا ایک پادری، ڈگلس ڈنلپ، بھیجا گیا جس کے ذمہ ہندستان میں کئے جانے والے تعلیمیاتی تجربات کو مناسب ترامیم کے ساتھ مصر میں رائج کرنا تھا۔ مصر پر برطانوی تسلط ۱۸۸۲ میں ہو گیا تھا۔ اسی سال قاہرہ میں مقیم برطانوی قنصل عام، ایولِن بیرِنگ، نے پادری ڈنلپ کو وزارت تعلیم کا مشیر مقرر کر دیا۔ ڈنلپ عربی زبان اور مصر میں رائج اُس نظام تعلیم کا مخالف تھا جس میں طلبہ کے اندر بلا امتیاز بہترین استعداد پیدا کر کے صلاحیت کی بنیاد پر مستقبل کی ترقی کا دروازہ ان پر کھولا جاتا تھا۔ ہندستان کے تجربات کا اعادہ کرتے ہوئے ڈنلپ نے مصری سماج کے اعلیٰ طبقوں کو سرکاری سرپرستی کے لئے منتخب کیا اور باقی عام لوگوں کے لئے دوسرے درجہ کی تعلیم کا الگ نظام قائم کیا۔ یہ کام ہندستان میں ہو چکا تھا۔ اورام موہن رائے اور سید احمد کا تعلق ہندو اور مسلمان اشرافیہ طبقات سے تھا، نیز عیسائی مشنری سکول پہلے ہی ( اور آج تک) سماج کے نسلی طور پر اونچے نیز دولتمند طبقوں کی تعلیم اور ذہنی تربیت کے ذمہ دار ٹھہرا دئے گئے اور عام طور سے ورناکیولر سکول اور کالج کے نام سے مشہور ادارے عوام الناس کے لئے تھے جو ظاہر ہے معاشرہ پر موثر نہیں تھے۔ اس دو عملی سے فرق یہ پڑا کہ مقامی زبانوں میں تعلیم حاصل کرنے والوں کے لئے معاشرہ میں حقارت پیدا ہو گئی اور انگریزی میں تعلیم حاصل کرنے والوں کے مقابلہ میں پوری قوموں کو شدید احساس کمتری میں مبتلا کر دیا گیا۔ اس صورت حال سے عیسائی مشن سکولوں نے مالی فائدہ اٹھایا۔ آج بھی ان کا سحر قوموں پر طاری ہے۔
بات کا ایک عجیب پہلو یہ ہے کہ انگریز چاہتے تھے کہ سر سید کے کالج کا ذریعہ تعلیم اردو ہو، جبکہ سر سید کا اصرار انگریزی میں تعلیم پر تھا۔ علی گڑھ کالج بننے کے ۴۳ سال بعد جمال الدین افغانی کی تحریک پر حیدرآباد میں عثمانیہ یونیورسٹی قائم ہوئی تو نظام میر عثمان علی خان نے وہاں اردو کو ذریعہ تعلیم بنایا۔ مگر قیام جامعہ کے ۳۰ سال بعد، ۱۹۴۸ کے پولس ایکشن کے نتیجہ میں، جب یونیورسٹی نظام کے انتظامی اثر سے باہر ہوئی تو آزاد ہندستان میں منٹوں میں اس کا ذریعہ تعلیم انگریزی بنا دیا گیا؛ اور یوں وہ وجہ افتخار جو ہندستان کی ایک مقامی زبان بولنے والے جدید تعلیم یافتہ گروہ میں وہاں پیدا ہو گئی تھی، اچانک وجہ تحقیر بن گئی۔
سلطنت عثمانیہ پر یورپی استعماری ملکوں کا راست تسلط تو نہیں ہو سکا تھا، لیکن سماجی اور پھر تعلیمیاتی روابط کے نتیجہ میں ترکی میں ایسی تبدیلیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی جس نے اس ملک کے عوام و خواص کو اس فکری اور علمی اور عملی میراث سے بیگانہ کر دیا جو۱۲۹۹ سے اس سلطنت کا امتیاز تھا۔ استانبول سے شائع ہونے والی انگریزی کتاب مسلم مصلحین وہاں رائج کی جانے والی تبدیلیوں کی پرتیں کھولتی ہے اور ہمہ قوم سلطنت عثمانیہ کے سمٹ کر قومی ترکی میں محدود ہو جانے کا راز فاش کرتی ہے۔ ٹھیک اسی زمانے میں جب ہندستان میں علی گڑھ تحریک جاری تھی اور مصر میں ڈگلس ڈنلپ نظام تعلیم میں بھاری تبدیلیاں لا رہا تھا، ترکی میں ضیا گوکلب(۱۹۲۴-۱۸۷۸)نے اسی انداز کی فکر کو پروان چڑھانا شروع کیا اور انہیں جلد ہی انجمن اتحاد و ترقی کی مجلس کا رکن بنا دیا گیا اور وہ بعد میں اتاترک کے نظریات کے فلسفی کے طور پر سامنے آئے۔ گوکلب کو کازان کے موسیٰ جاراللہ بیکیئیف کی تحریروں سے بھی مدد مل رہی تھی۔ انجمن اتحاد و ترقی کی بنا مقدونیہ میں تعینات ترک فوجی افسروں نے ڈالی تھی، وہیں یورپی فکری اثرات نے ان کے ذہنوں کو متاثر کیا تھا۔ حسین حلمی عشق نے اپنی کتاب مسلم مصلحین (استنبول، ص۲)میں لکھا ہے کہ نوجوان ترک مصطفیٰ رشید پاشا، فواد پاشا، اور ان جیسے افراد نے سائنسی نصاب کو مدرسوں سے خارج کر دیا تھا، جبکہ مدحت پاشا اور طلعت پاشا نے خود دینی تعلیم کا نصاب مختصر کر دیا تھا۔ حسین حلمی عشق کا بیان ہے کہ سلطان عبدالمجید کے زمانے میں مجلس اتحاد و ترقی کے دور اقتدار میں، دینی اور دنیوی دونوں قسم کے علوم کا معیار گر گیا تھا۔
مقدونیہ ہی میں عرب قومیت کا پہلا بیج بھی اکھوا بنا تھا۔ ساطع الحصری (۱۹۶۷-۱۸۷۹)وہاں ملازمت کے دوران ترک فوجی افسروں سے متعارف ہوئے۔ ابتدا میں وہ ان کے نظریات کے حامی تھے، مگر ان نوجوان ترکوں کے ترک قومیت کے نظرئے نے حصری کو عرب قومی نظریہ کا مبلغ بنا دیا۔ عرب قومی نظریہ بھی، ترک قومیت کی طرح، یورپ ہی کی دین تھا۔ حُصری کا عرب قومیتی تصور انیسویں صدی کے یورپی مفکرین سے مستعار تھا۔ سلطنت عثمانیہ کے خاتمے (۱۹۲۲) کے بعد، عرب مورخ ماہر شریف کے مطابق، حصری کو ’’اطمینان ہوا کہ عرب قومیت کی راہ کی ایک بڑی رکاوٹ دور ہو گئی‘‘۔ ہندا ور مصر کی طرح، دوسرے مورخ مالک مفتی کے بقول، حصری کا نشانہ بھی شام کا اشرافیہ طبقہ تھا۔ انہوں نے ۱۹۱۲-۱۹۱۰ کے دوران یورپ کا دورہ کر کے وہاں کے نظام تعلیم کی اساس پر عرب نظام تعلیم کا خاکہ تیار کیا۔ پہلی عالمی جنگ میں شام پر فرانسیسی قبضہ کے بعد حصری کو شام کا ناظم تعلیمات اور بعد میں وزیر تعلیم مقرر کیا گیا۔ حصری کے بعد ممتاز ہونے والوں میں زکی الارسوزی (۱۹۶۶-۱۸۹۹) اور پیرس کی سور بون یونیورسٹی سے فارغ التحصیل میشیل افلق(۱۹۸۹-۱۹۱۰) تھے۔
ان تمام شخصیات کی سوانح و افکار میں حیرت انگیز مماثلت پائی جاتی ہے۔ یہ سب یورپ کے طرز تعلیم اور مادی ترقی سے بے انتہا متاثر اور مرعوب تھے۔ ان سب نے اپنے اپنے ملکوں میں قدیم طرز تعلیم اور مدرسوں کی شدت سے مخالفت کی۔ ترکی میں ان کو غیر موثر کرنے بلکہ مٹا ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ ان میں سے انیسویں صدی والی نسل نے یورپی خطوط پر تعلیمی ادارے قائم کئے اور بیسویں صدی کی نسلوں نے سیاست کو اپنی رزم گاہ بنایا - برصغیر میں مسلم لیگ، ترکی میں انجمن اتحاد و ترقی، شام و عراق میں بعث پارٹی، مصر میں وفد پارٹی۔ انیسویں صدی کے ہندستان، ترکی اور مصر میں ان لوگوں کا ابتدائی عنوان اصلاح مذہب تھا اور اس موضوع پر سب ہی نے اپنی زبانوں میں کتابیں لکھیں۔ یہ سب عیساییت میں اصلاح مذہب کی تحریک سے متاثر تھے، یہاں تک کہ ترکی کا جدید فکر گروہ موسیٰ بیکیئیف کو ’’اسلام کا مارٹن لوتھر‘‘ کہنے لگا تھا۔ ان تمام شخصیات اور تحریکوں کی ایک اور اہم مماثلت یہ ہے کہ سب ہی نے اپنی صدیوں پرانی تہذیب، قدروں اور روایات کی مذمت کی اور یورپی افکار و نظام کے مقابل انہیں پست، غیر منطقی، جاہلانہ اور اپنی قوموں کی پسماندگی کا بنیادی سبب گردانا۔ ہر ملک میں ان افکار کی شد و مد سے تبلیغ ہوئی۔ میرے سامنے مولوی محمد اسمٰعیل میرٹھی کے مرتب کی ہوئی ایک درسی کتاب، توزک اردو ہے۔ یہ کتاب ۱۸۹۹ میں آگرہ سے شائع ہوئی تھی اور اس کا انتساب بہت فدویت کے ساتھ روہیل کھنڈ کے کمشنر تھامس روولینڈوائِر کے نام کیا گیا ہے۔ اس کے کچھ اسباق کے اقتباسات خاصے دلچسپ ہیں :
سر سید : ’’ہم اپنوں سے اگلوں کی تہذیب کو ایک ٹھنڈے مگر مودّب دل سے دیکھتے ہیں ‘‘۔ (سولزیشن یا تہذیب، ص ۴)
محسن الملک سید مہدی علی خان: ’’جو باغ ہرا بھرا میں نے مغرب میں دیکھا وہ علوم و فنون جدید کا باغ ہے۔۔۔ ا ور جو باغ خشک میں نے مشرق میں دیکھا وہ ہمارے علوم قدیمہ کا باغ ہے جس کی ویرانی اور خزاں کی کیفیت ہمارے سامنے ہے۔ وہ پتھر جو سر چشمہ پر آ گیا ہے جہالت ہے۔ وہ ندی نالے گندے پانی کے رسم و رواج کی پابندی، نیکی نما تعصب، علم نما نادانی، جھوٹا زہد، جھوٹی شیخی، جاہلانہ تقلید، عامیانہ غلامی، ضرر انگیز حرارت، وحشیانہ تعلیم و تربیت ہے، جس کا نتیجہ مسخ انسانیت ہے ‘‘۔ (موجودہ تعلیم و تربیت کی شبیہ، ص ۱۶ اور ۱۷)
ڈپٹی نذیر احمد:’’ایک تو ہمارے یہاں کے کھیل ہیں، جن میں سے اکثر بے سود اور بے سود ہوں تو خیر، بد اخلاقی کی تمہید، کاہلی کی تعلیم، اور بعض میں جو کچھ دماغی فائدے نکل سکتے ہیں مثلاً گنجفے میں حافظہ کی ترقی، چوسر شطرنج میں غور اور خوض کی عادت، تو ان میں بڑی قباحت یہ ہے کہ دنیاوی معاملات میں ان سے مطلق مدد نہیں ملتی۔ ‘‘ (ریاضت جسمانی، ص ۲۹)
شبلی نعمانی: ’’قسطنطنیہ کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہے کہ اگر کسی کو یورپئن اور ایشیائی تمدن کی تصویر ایک مرقع میں دیکھنی ہو تو یہاں دیکھ سکتا ہے۔۔۔ دوسری طرف (استنبول میں ) سڑک کے کنارے چبوتروں پر کتابوں کا بے قاعدہ ڈھیر لگا ہے، زمین کا فرش وہ بھی اس قدر مختصر کہ تین چار آدمی سے زیادہ کی گنجائش نہیں۔ قیمت چکانے میں گھنٹوں کا عرصہ درکار ہے۔۔۔۔ عام صفائی اور زیب و زینت کا بھی یہی حال ہے۔ ‘‘ (قسطنطنیہ کے مختصر حالات، ص ۴۸ اور ۴۹)
یہ سب پڑھنے کے بعد ایک بار پھر اس مضمون کے پہلے صفحہ پر علی شریعتی کے اقتباس پر ایک نظر ڈال لیجئے۔
کہاوت ہے کہ کسی قوم کی زبان کو ختم کر د و، اس کی تہذیب و ثقافت مٹ جائے گی، اس کی ثقافت کو مٹا دو قوم ختم ہو جائے گی۔ شناخت ہی باقی نہ رہے گی تو دنیا میں کچھ کر دکھانے کے قابل تو نہیں رہے گی نا۔ یہ بات افراد کے لئے نہیں قوم کی اجتماعی شناخت کے لئے کہی جاتی ہے۔ اس موضوع کے دیگر بہت سے پہلو ہیں۔ ان پر آئندہ بھی نکتگو کریں گے، انشا ء اللہ۔
٭٭٭

نگہ داری

نکتہ

قوم پرست (پرور) مسلمانوں کی قیادت مولانا ابو الکلام آزاد کے ہاتھوں میں رہی۔ لیکن بتدریج ان کا اثر کم ہو گیا تھا۔ مسلمانوں کے قوم پرست (پرور) اور فرقہ پرست(تقسیم کے حامی) لیڈروں میں ایک قدر مشترک یہ نظر آتی ہے کہ معاشی مسائل کا شعور نہ اِن کے پاس تھا نہ اُن کے پاس۔ معاشی ترقی کے پروگرام کی جگہ نہ تحریک پاکستان میں تھی، نہ قوم پرست (پرور)مسلمانوں کے پاس اس کی کوئی واضح تصویر نظر آتی ہے۔ سیاسی سطح پر مسلمانوں کی بڑی تعداد نے مہاتما گاندھی کی قیادت میں تحریک آزادی میں شرکت کی، لیکن چرخہ، سودیشی آندولن، دیہی تعمیر میں مسلمانوں کی وسیع موثر شرکت دکھائی نہیں دیتی۔ آج بھی سَروُودَے تحریک، کھادی گرام اُدیوگ(کھدر کی دیہی صنعت) کے کاموں میں مسلمانوں کی نمائندگی برائے نام ہے۔ ملک کی تحریک آزادی کے شانہ بشانہ معاشی جد و جہد کا ایک حصہ سودیشی تحریک تھی جس کے تحت انگریز تاجروں اور کمپنیوں کے مقابلہ میں ہندستانیوں نے اپنے صنعتی اور تجارتی ادارے قائم کئے۔ اس مہم میں بھی مسلمان نمایاں نظر نہیں آتے۔
- سعید سہروردی
مسلم قیادت - آزادی سے پہلے، روزنامہ اردو ٹائمز، ممبئی، ۲۸ جون ۲۰۰۸

گفتہ

اس عبارت کی اشاعت کے چھ ماہ بعد بھوپال میں منعقدہ ایک جلسے کی رپورٹ میں دو بیانات اور سامنے آئے جن کے تیور بالکل متضاد تھے۔ ایک بیان ایک ہندو کا تھا اور دوسرا ایک سکھ کا۔ سابق IAS افسر اجے سنگھ یادو نے اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندستانی مسلمانوں میں ساری دنیا کو قیادت مہیا کرنے کی صلاحیت اور شعور ہے، ان کا سوچنے والاذہن آزاد ہے کیونکہ قرآن نہایت عمدگی کے ساتھ سائنسی اکتشافات کی حمایت کرتا ہے۔ ضرورت ہے کہ ہم اسی کشادہ فکر اور سائنسی تحقیق کے جذبے کی بازیافت کریں جو اسلام کے سنہری دور کا امتیاز تھا۔ ‘‘ بھوپال کی برکت اللہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور پنجاب پولس کے سابق ڈائریکٹر جنرل، کے۔ ایس۔ ڈِھلوں، نے بھی کم و بیش یہی بات دہرائی کہ ہندستانی مسلمان عالمی قیادت مہیا کرنے کا اہل ہے مگر انہوں نے اس پر افسوس ظاہر کیا کہ خود ملک میں مسلمانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے دور رکھا جاتا ہے۔
ا ن دو نکتوں میں سے کوئی ایک درست ہو سکتا ہے۔ اگر سہروردی کی بات درست ہے تو یادو اور ڈھلوں کی خوش فہمی کا سبب کیا ہے ؟ اور اگر یادو اور ڈھلوں کی بات منطقی طور پر غلط نہیں تو سہروردی کو غلط فہمی کیوں ہوئی؟
حقیقت یہ ہے کہ ان تینوں باتوں میں ایک بھی غلط نہیں۔ سہروردی ۱۹۴۷ سے پہلے کے ہندستانی مسلمان کے ذہن کا تجزیہ کر کے اس نتیجہ پر پہنچے کہ ملک کی تقسیم سے پہلے مسلم مقاصد کی تقسیم کے دونوں کناروں پر معاشی منصوبہ موجود نہیں تھا۔ منصوبہ سازی کی ضرورت پر ۲۷ فروری۲۰۰۹ کے نکتگو ۰۰۱۲ میں خاصی تفصیل سے بات ہو چکی ہے۔ البتہ سہروردی کے اٹھائے ہوئے نکات پر برصغیر کے پس منظر میں نئی گفتگو کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف یادو اور ڈھلوں کا بیان عام ہندستانی مسلمان کی سوچ کے محور، ذہن کی کشادگی، اور دنیوی علوم کے قبول کرنے میں کسی مذہبی علت کی عدم موجودگی کے ذاتی تجربات سے ابھرتا ہے۔ یہاں دو ایک اہم نکتے مزید پیش نظر رکھنے ضروری ہیں : ہندستانی مسلمان تعلیم یافتہ نہیں ہے۔ گوپال سنگھ کمیٹی نے ۱۹۸۱ میں یہ بات دریافت کی تھی کہ مسلم آبادی میں جدید تعلیم یافتہ مسلمان گریجویٹوں کا جو تین فی صد تناسب ۱۸۹۸ میں سر سید کے انتقال کے وقت کالج قائم ہونے کے ۲۳ سال بعد طے ہوا تھا وہ سو سال بعد بھی سر مو نہیں بڑھا۔ شماریات کی رو سے جدید تعلیم یافتہ ہندستانی مسلمانوں کی تعداد میں افقی اضافہ تو ہوا ہے، عمودی شرح پر جمود طاری ہے۔ یادو اور ڈھلوں اسی تین فی صدی کی بات کر رہے ہیں۔ ورنہ ممکن ہے ان دونوں غیر مسلموں نے قیادت کی صلاحیت یا کم از کم شعور کی لہریں مدرسوں کے تعلیم یافتہ افراد یا نیم تعلیم یافتہ یا غیر تعلیم یافتہ مسلمانوں میں بھی دیکھی ہوں۔ تاہم خبر میں اس کی کوئی دلیل سامنے نہیں آئی۔
فی الحال اس سے زیادہ بحث نہیں کہ ہندستان کا مسلمان ساری دنیا کی قیادت کا اہل ہے کہ نہیں، کیونکہ ڈھلوں نے یہ بھی سچ کہا کہ اس بے چارے ہندی مسلمان کو تو قومی قیادت میں بھی حصہ نہیں لینے دیا جاتا۔ البتہ سہروردی کے اٹھائے ہوئے سوالات مُثبَت اور منفی دونوں اعتبار سے گفتگو کے متقاضی ہیں۔
پس منظر پر اس گفتگو کے نتیجہ میں مستقبل پر غور کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ اکتوبر میں علی گڑھ کے سابق طلبہ کی ’’چوٹی کانفرنس‘‘ منعقد ہونے والی تھی تو میں نے اس کے منتظم پروفیسر صاحب کو ایک نجی خط میں توجہ دلائی تھی کہ اس میٹنگ کو معنیٰ آفریں بنانے کے لئے ہر سال ایک آل انڈیا مسلم کمرشیل کانفرنس اسی طرح منعقد کرنے کا منصوبہ بناؤ جیسے سر سید اور ان کے بعد کے دور میں ایجوکیشنل کانفرنس تقریباً نصف صدی تک ہوتی رہی۔ مگر علی گڑھ کے اہل علم کے نزدیک ایسی بچکانہ تجاویز کی مناسب جگہ ردی کی ٹوکری ہی ہو سکتی تھی۔ مطلب یہ کہ ڈیڑھ سو سال میں بھی مزاج میں ادنیٰ تبدیلی نہیں آئی۔
پہلے سہروردی کے اٹھائے ہوئے موضوع کے منفی رخ پر بات کریں۔ ہندستان اور کانگریس کے لئے ۱۹۲۶ ایک اہم سال تھا۔ اس سال کانگریس کے گوہاٹی اجلاس میں جواہر لال نہرو نے مستقبل کے آزاد ہندستان کی سائنسی، تکنیکیاتی اور صنعتی ترقی کا نیلا کاغذ، یا قرطاس ارزق (blueprint) پیش کیا تھا۔ اس منصوبے نے مستقبل کی راہ اور منزل متعین کی تھی۔ اس سے کچھ سال بھر پہلے کیشو بلی رام ہیڈگیوار نے ناگپور میں راشٹریا سویم سیوک سنگھ قائم کیا جس کا مقصد ہندستان کو ایک کٹر ہندو ریاست بنانا تھا۔ ان دونوں منصوبوں پر برسہا برس عمل ہوتا رہا، اور اس مدت میں دونوں سمتوں کی قیادت میں بھاری تبدیلیاں آتی رہیں مگر اہم بات یہ ہے کہ دونوں تنظیموں میں نئے آنے والے کسی رہنما نے بنیادی تصورات اور عملی منصوبوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جس کے نتیجہ میں دونوں سمتوں میں غیر معمولی ارتقاء سامنے آیا۔ اس کے برعکس خط تقسیم کے دونوں جانب مسلمان کے پاس فکری تسلسل و تواتر کا فقدان نمایاں رہا ہے۔ وہ بظاہر کسی بھی منصوبے کے بغیر جد و جہد کر رہے تھے۔ ہمارے عہد کے مورخ خلیق احمد نظامی کا بیان ہے کہ ۱۸۵۷ کی جنگ آزادی لڑنے والوں کے پاس قیادت تھی نہ مستقبل کا کوئی منصوبہ۔ مگر اس تجزئے کے باوجود دس سال کے خفیہ مشوروں کے بعد ۱۹۱۴ میں ابھرنے والی شیخ الہند مولانا محمود الحسن کی تحریک ریشمی رومال کے پیش نظر ملک کی سیاسی آزادی تو تھی اور اس کے خد و خال بھی تحریک کے قائدین کے سامنے واضح تھے، مگر قیاس یہی ہے کہ وہاں اقتصادی ترقی کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ اس تحریک کو ہمارے زیادہ پڑھے لکھے لوگ حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں کہ یہ مولویوں کی تحریک تھی جو معاملات دنیا سے، ان لوگوں کے خیال میں، نابلد ہوتے ہیں اور ان میں انہیں دخل دینا بھی نہیں چاہیئے۔ لیکن ان پڑھے لکھے لوگوں نے بھی اپنی حد تک ہمہ گیر ترقی کے بارے میں نا بلد ہونے اور عدم دلچسپی کا ثبوت فراہم کیا۔ ہندستان کے مسلم جاگیرداروں اور نوابوں نے ۱۹۰۶ میں ڈھاکہ میں مسلم لیگ قائم کی۔ ان لوگوں کی اکثریت علی گڑھ کالج سے فارغ یا اس سے وابستہ لوگ تھے۔ اس گروہ کے بارے عام خوش فہمی یہی ہے کہ یہ لوگ معاملات دنیا کی تمام باریکیاں اسی طرح سمجھے ہوئے تھے جیسے انگریز سمجھتا تھا۔ لیکن نواب وقار الملک (۱۹۰۶) اور قائد اعظم(۱۹۳۸) کی مسلم لیگ سے لے کر آج زرداری (۲۰۰۹)کے پاکستان اور غلام نبی آزاد کے ہندستان تک جدید تعلیم یافتہ لوگوں نے معاشی ترقی تو دور کی بات ہے، سیاسی فکر کا بھی کوئی نقشہ کبھی پیش نہیں کیا۔ اس اعتبار سے مولویوں کی تحریک (۱۹۱۴) ان جدید تعلیم یافتہ سیاستدانوں کی تحریک سے بظاہر زیادہ ترقی یافتہ اور دور اندیش تھی۔
یہ دعویٰ کہ پاکستان کے لئے واقعی کوئی عوامی جد جہد کی گئی تھی اس لحاظ سے کچھ منطقی نہیں لگتا کہ اگر کانگریس کی مانند وقار الملک نواب مشتاق حسین اور آغا خان سے محمد علی جناح تک مسلم لیگ میں بھی یہی طے تھا کہ متحدہ یا منقسمہ ہندستان کا سیاسی نظام برطانوی نظام کا لیتھو سے نکالا ہوا چربہ ہو گا، تو بھی ملک میں سب کا نہ سہی مسلمانوں ہی کے معاشی مستقبل کے بارے میں وہاں کوئی سرگرمی نہیں تھی۔ اس فکری و علمی تفریق کے دونوں کناروں پر اس کا سبب واضح تھا۔ علما ء کو نہ تو برطانوی سیاسی نظام سے دلچسپی تھی اور نہ وہاں کے معاشی اصولوں سے، اس لئے وہ ہنگامی طور پر سیاست تک محدود رہے اور اس سلسلہ میں اپنا انقلابی مبادی سیاسی تصور کابل کی عبوری حکومت (۱۹۱۴) میں انہوں نے پیش کر دیا تھا۔ مگر جدید تعلیم یافتہ گروہ نے اگر سیاسی اور معاشی نظام کے بارے میں خاموشی اختیار کی تو اس کی وجہ یہ تھی کہ مسلم لیگ پر موثر جاگیرداروں، نوابوں، اور معاشرہ کے اشرافیہ گروہ کے پاس اپنا جاگیری و نوابی سیاسی نظام موجود تھا نیز کسان پر لگان اور زرعی محصول کی شکل میں رائج معاشی نظام بھی جو اُن کے نزدیک ساری قوم کی کفالت کے لئے کافی تھا۔ ہندستان کے مسلمانوں کا یہ طبقہ خواہ علی گڑھ اور اس تحریک کے ذیلی کالجوں کا پڑھا ہوا ہو یا انگلستان سے ڈگریاں لے آیا ہو اس تعلیم سے اس کی سیاسی اور اقتصادی سوچ میں کسی تبدیلی کا ثبوت تاریخ سے نہیں ملتا۔ چنانچہ مسلم لیگ اسی طبقہ کے مفادات کو مسلمانان ہند کا مفاد سمجھنے کی خوش فہمی کا شکار رہی، جبکہ کانگریس میں نہرو جیسے نسلی برہمن اور اقتصادی اشرافیہ کے رکن نے اپنی فکر کا انتساب عام ملک سے کر کے معاشی اور صنعتی نظام کا خاکہ مرتب کر دیا تھا۔ اس منصوبہ سے مسلمانوں کا کیا تعلق رکھا گیا تھا یہ بجائے خود ایک موضوع تحقیق ہے، جس پر ہندستان میں معروضی کام ہونے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ پاکستان میں بھی نہیں کہ معاشی میدان میں وہاں وہ نظام پچھلے ۶۲ سال سے بڑی توانائی کے ساتھ رائج ہے جس کی پشت پناہی آزادی سے پہلے کا زمیندار گروہ کرتا تھا اور آج بھی اسی نظام کے نمائندے اس ملک پر حکومت کر رہے ہیں۔ چنانچہ وہاں اس موضوع پر تحقیق کرنے وا لوں کو سرخا سمجھ کر ان سے بدکنا حیرانی کا باعث نہیں ہے۔
تقسیم کے بعد ہندستان کا مسلمان بہت شدید سیاسی دباؤ میں آ گیا تھا۔ اس کی عملی صلاحیتوں کو شدت سے کچلا گیا۔ وہاں عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کی فکر زیادہ تھی۔ سرمایہ اس کے پاس تھا نہیں۔ خاتمہ زمین داری کے ساتھ اس کے محدود وسائل آمدنی بھی باقی نہ رہے۔ سیاسی گرفت وہ کھو چکا تھا۔ راستہ اس پر بند تھا اور منزل کا پتہ نشان اس کی زاد راہ کے ساتھ رہزنوں کے ہاتھوں لٹ گیا تھا۔ اس وقت جدید تعلیم یافتہ طبقہ ہی سب سے زیادہ غیر موثر تھا کہ ملک کی تقسیم کا الزام اسی پر تھا۔ ممکن ہے کہ اس وقت اس طبقہ میں سوجھ بوجھ رکھنے والے اسی لئے کمیونزم کی طرف جھکے ہوں کہ سیاست کے اس رنگ میں ان پر پاکستانی ایجنٹ یا مسلم لیگی فکر کی تہمت نہیں لگائی جا سکے گی اور اس طرح وہ مسلمانوں کے لئے شائد کچھ کام کر سکیں۔ کانگریس کے مقابلہ میں آزاد ہندستان کی کمیونسٹ پارٹیوں کی مسلم ہمدردی کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے جسے تاریخی تحقیق کی ضرورت ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ سیاسی اور معاشی سطح پر یہ گروہ بھی غیر موثر رہا۔ اس کے پاس ملک کے لئے روسی معاشی نظام کا چربہ تھا، مسلمانوں کے لئے کوئی خاص پروگرام نہیں تھا۔ چنانچہ سیاسی اور اقتصادی سطح پر قطعی غیر متحرک ہندستانی مسلمان کی مدد کے لئے مولانا ابو الکلام آزاد کی قیادت میں پھر وہی’’ دنیا سے لا علم‘‘ مولوی سامنے آئے۔ تاہم ان کا کر دار بھی سیاسی اور اقتصادی نہیں مسلمانوں کے دینی اعتقادات کے تحفظ اور معاشرتی اور تعلیمی رہنمائی پر مرکوز تھا۔ یہ ان کی مجبوری تھی۔
منقسم ہندستان میں انفرادی طور پر اقتصادی میدان میں تین مسلمان کسی درجہ میں کامیاب ہوئے : عبدالحمید خواجہ کا انگریزی دوا ساز ادارہ سپلا، حکیم عبد الحمید کا یونانی دواساز ادارہ ھمدرد، اور مصطفیٰ رشید شیروانی کی جیپ فلیش لائٹس۔ ابتدا میں شیروانی کو مسلم معیشت کے سدھار سے دلچسپی رہی مگر ان کا دائرہ بے روزگار افراد کو ملازمتیں دینے سے آگے نہیں بڑھ سکا۔ حکیم عبدالحمید کے انتقال کے بعد ہمدرد بھی کچھ زیادہ موثر تجارتی ادارہ نہ رہ سکا، اگرچہ دیگر میدانوں میں یہی ایک وقف اچھا کام کر رہا ہے۔ سپلا محض ایک تجارتی ادارہ ہے جس کا عام ہندستانی مسلمان کی معاشی حالت کے استحکام سے کبھی بھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ میں ایک بار کسی مقصد کی خاطر خواجہ صاحب سے ملنے گیا تھا۔ مگر تلوں میں تیل نہ تھا۔ ویسے بھی وہ پورا ملک تو درکنار، بمبئی کی مسلم برادری سے بھی اتنی ہی دور واقع تھے جتنا بحر الکاہل کا ایشیائی ساحل اس کے امریکی ساحل سے ہے۔ داودی بوہرہ سردار خاندان نے ایشین نام کے جھنڈے تلے کچھ صنعتی ادارے قائم کئے تھے مگر وہ دیر پا ثابت نہیں ہوئے، نیز ان کا بھی عام مسلمان کی اقتصادیات سے راست کوئی تعلق نہیں تھا۔ نئے اداروں میں عظیم پریم جی کا ادارہ وِپرو ہے۔ اس کے باوجود کہ یہ ادارے کامیاب ہوئے یا ہیں کروڑوں نفوس پر مشتمل ایک معاشرتی گروہ کے لئے نہ یہ خود موثر ہیں نہ ان کے پاس وہ عمرانی یا تاریخی شعور ہے جو کسی بڑی قوم کی اقتصادی منصوبہ سازی کی شرط اول ہوتا ہے۔ انہیں فکری اور عملی سیاسی قیادت کی پشت پناہی درکار ہے۔ مگر مولانا آزاد کی نسل کے بعد ملک کو ایک بھی مسلم لیڈر ایسا نہ ملا جس پر مسلمان اعتماد کر سکتے۔ آزادی کے وقت ذہنی طور پر بالغ نسل دو گروہوں میں بٹی ہوئی تھی۔ تحریک آزادی کے دوران مولانا آزاد کو غلط سمجھنے والے اب بھی مسلمانوں کی حالت زار کا ذمہ دار ایک حد تک انہی کو گردانتے تھے، مگر قائد اعظم نے بھی انہیں ما یوس کیا تھا۔ دوسرا طبقہ مولانا آزاد پر اعتماد کرتا تھا اور اتنا کرتا تھا کہ تقسیم کے نتیجہ میں پیدا ہونے والے سیاسی اور اقتصادی دباؤ کی وجہ سے خود پر سے اعتماد کھو بیٹھا تھا۔ ان دونوں گروہوں سے ہندستانی مسلمانوں کے لئے کسی معاشی منصوبہ کی توقع نہیں رکھی جا سکتی تھی۔ بعد کی نسلوں کو، جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے، نہ قیادت میسر آئی اور نہ اس پر انہیں اعتماد ہوا۔ لیڈری خود بہیمانہ پیشہ بن گئی اور دولت اندوزی کی ہوس میں مسلمانوں کے لئے قابل اعتماد بننا کسی لیڈر کی ترجیحات میں شامل نہ تھا۔
ہندستان کی ’’سودیشی‘‘ معیشت پر بات کرتے ہوئے ایک نقطۂ خفی عموماً ہماری نظروں سے اوجھل رہ جاتا ہے، وہ یہ کہ ملک کے ہندو اور مسلمان صنعت کار کسی قومی جذبے کی پیداوار نہیں بلکہ برطانوی راج کی عنایات کا نتیجہ تھے۔ پہلی عالمی (یورپی) جنگ کے دوران کلکتہ کے کچھ مہاجنوں، برلا، ڈالمیا، سنگھانیا وغیرہ، کو فوجی رسد کے ٹھیکے دئے گئے تھے جن کی آمدنی سے یہ عام سودی بیوپاری صنعتوں کی طرف متوجہ ہوئے تھے۔ اس ٹکسالی جانبداری سے مسلمانوں میں کچھ ناراضگی پیدا ہوئی۔ مگر خوش قسمتی سے جنگ ختم ہوئے ۲۱ سال نہ ہوئے تھے کہ یورپی شیر پھر انگڑائی لے کر اٹھا اور پرانے کھلاڑیوں نے پھر لڑائی چھیڑ دی۔ بلی کے بھاگوں چھینکا ٹوٹا۔ اس بار فوجی ٹھیکوں میں ترجیح مسلمانوں کو دی گئی اور یوں آدمجی، باوانی، وغیرہ کو عروج ہوا۔ برلا ڈالمیا وغیرہ نے کانگریس اور ہندو مہا سبھا کی بیک وقت سرپرستی شروع کر دی تھی۔ دوسری جنگ کے بعد کا مسلم سرمایہ دار از خود مسلم لیگ کی طرف گیا۔ میں نہیں جانتا پہلی جنگ کے خاتمے کے آٹھ سال بعد جب کانگریس نے اقتصادی ارتقا ء کو اپنے پروگرام میں شامل کیا تو نہرو کے قرطاس ارزق کی تدوین میں برلا اور ڈالمیا وغیرہ کے تجارتی اور صنعتی مشوروں سے کتنا استفادہ کیا گیا تھا۔ گمان یہی ہے کہ کانگریس کو ان تجارتی خاندانوں سے ماہرانہ رائے ضرور حاصل ہوئی تھی۔ نیا مسلم سرمایہ دار یہ سب کچھ مسلم لیگ کے لئے کچھ نہیں کر سکا تو اس کا سبب یہ بھی تھا کہ دوسری جنگ ختم ہونے کے دو سال بعد تو ملک تقسیم ہو گیا۔ اس وقت کی سیاسی آندھی میں سنجیدہ اقتصادی منصوبہ بندی کے لئے پرسکون ماحول کہاں تھا۔ اس کے باوجود پاکستان میں اقتصادی جمود نہیں رہا۔ جس ملک کو صرف ایک (پنجاب) یونیورسٹی ملی تھی، آج وہاں ۱۵۰ یونیورسٹیاں ہیں، اور جس کے پاس لاہور اور لائلپور میں صنعت کے نام پر گنیش فلور مل(آٹے کی چکی) اور جے۔ بی۔ منگھارام کی ٹافی فیکٹری کے سوا کچھ نہ تھا آج وہاں چھوٹی بڑی صنعتوں کا جال بچھا ہوا ہے۔
ہندستان میں کمیت اور کیفیت کے اعتبار سے یہ ترقی زیادہ ہے مگر برکت اللہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈھلوں کی بات کو ذرا پھیلائیں تو یہ بھی حقیقت ہے کہ ہندستان میں مسلمانوں کو اقتصاد کے ایوانوں سے بھی دور رکھا جاتا ہے۔ اس میں جہاں ہندستانی مسلمان کی حرماں نصیبی اور بے عملی کو دخل ہے وہاں اس حرماں نصیبی کے اسباب پر بھی نظر کرنے کی ضرورت ہے۔ میں صرف دو واقعات بطور مثال پیش کروں گا۔ کچھ بیس برس قبل جب ہندستان میں نجی زمرہ میں ائر لائنس کی اجازت ملی تو کیرالا کے تقی الدین برادران نے ایسٹ ویسٹ ائر لائنس قائم کی۔ وہ نجی زمرہ کی سب سے بڑی آزاد ائر لائنس تھی جبکہ مودی-لفُت سو فیصدی جرمن ائر لائنس لفتہانسا کا ہندستانی نام تھا۔ پھر دن دہاڑے تقی الدین کا قتل ہوا، اس کا بھائی اتنا ہراساں ہوا کہ آخر بمبئی سے کیرالا واپس چلا گیا، ائر لائنس بند ہو گئی۔ بعد میں دیگر کمپنیاں وجود میں آئیں اور ترقی کر رہی ہیں۔ یہ بہت بڑی صنعت کا بیان ہے۔ بہت چھوٹے پیمانے پر حیدرآباد کے ایک مسلمان نے جسمانی درد دور کرنے کا ایک تیل بنایا اور عرب ممالک میں برآمد کرنے کی غرض سے اس کا نام اوجاع رکھا، عربی میں جس کا مطلب درد و الم ہوتا ہے۔ انگریزی میں ہجے Oja رکھے۔ نام رجسٹر کروانے گئے تو کہا گیا کہ تیل کا نام اوجھا Ojha ارکھو گے تو رجسٹر کیا جائے گا۔ تیل رجسٹر ہو گیا، نام عربوں کی سمجھ میں نہ آیا۔ کاروبار بند ہو گیا۔
ملک کے موجودہ حالات میں چھوٹا موٹا مسلم سرمایہ دار بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتا ہے۔ مسلم سیاست داں شارک مچھلیاں ہیں : امکانی مسلم سرمایہ کار سے مال مانگتے ہیں، اس کے مددگار بن کر سامنے نہیں آتے۔ مسلم مفکر - جس درجہ میں بھی ملک میں پائے جاتے ہیں - عموماً مستقبل بیں عملی سوچ سے عاری ہیں، خس و خاشاک کی طرح سطح دریا پر سیلاب کے رخ بہہ رہے ہیں۔ سماج کا یہ طبقہ عوام میں مایوسی اور محرومی پیدا کر رہا ہے کیونکہ مایوسی کے اسی سمندر سے اسے اپنی سیاست کی غذا ملتی ہے۔
ہندستان کے مسلمان کے لئے برلا ٹاٹا کی سطح کے منصوبوں کی نہیں چھوٹے کاروبار کے منصوبوں کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد میں چھوٹی صنعتوں کے ریاستی سرکاری شعبے کے ایک مسلم سربراہ نے رٹائر ہونے کے بعد عام لوگوں کی مدد کی کوشش کی، مگر وہ بار آور نہ ہوئی، کیونکہ مسلمان شراکت کا کاروبار کرنے کا اہل نہیں : فوراً بے ایمانی پر اتر آتا ہے۔ انفرادی کاروبار کے لئے نوابی مزاج آڑے آتا ہے :دل جمعی سے کام نہیں کرتا پورا وقت دینے کو آمادہ نہیں ہوتا۔ جو مسلمان کسی نہ کسی درجہ میں معاشی خود کفالت کر رہے ہیں ان کے ہاں ملّی فکر کا فقدان ہے۔ ان منفی رویوں سے مثبت رو یئے کشید کئے جا سکتے ہیں۔ کم از کم یہ تو معلوم ہے کہ مسلمان کیا نہیں کر سکتے اور کیوں نہیں کر سکتے، اور کیا کر سکتے ہیں۔ اب جو کچھ درکار ہے وہ کانگریس کا ۱۹۲۶ کے گوہاٹی اجلاس کا سا ایک کنوینشن اور اس کے لئے جواہرلال جیسا ایک۳۷ سالہ ملت کے لئے مخلص جوان جس کے پاس ذاتی فکر بھی ہو، دور رس نظر بھی ہو اور جس کے گرد اس سے زیادہ مخلص مشیروں کا ایک گروہ بھی، اور جو سیاست دانوں کو استعمال کر کے سرکاری سکیموں سے سرمایہ کاری وغیرہ میں مدد لینے کا اہل بھی ہو۔ درست ہے کہ یہ آنگن کچھ زیادہ ہی ٹیڑھا ہے۔ مگر پھر زندہ رہنے کے لئے نہیں، اپنے وجود کو منوانے کے لئے، ہر ٹیڑھے پن کو سیدھا کرنا ہماری ہی ذمہ داری ہے۔ کوئی اور اس آنگن کو سیدھا نہیں کرے گا۔ حکومت ہند بھی نہیں۔
ہندستانی مسلمانوں کی حالت کچھ ایسی ہے کہ گھنٹی تو ہے، بلی نہیں ہے۔
٭٭٭

عادتیں

نکتہ
} کُتِبَ عَلَیکُمُ الصِّیامَ کَمَا کُتِبَِ عَلَی الَذ ینَ مِن قَبلِکُم لَعَلَّکُم تَتَّقُون= اَیَّامَاً مَّعدُ وُدٰت ٭
اے ایمان والو، تم پر روزہ فرض کیا گیا ہے جیسے فرض کیا گیا تھا (ان پر)جو تم سے پہلے تھے، تاکہ تم پرہیزگار ہو جاؤ۔ (یہ روزہ) چند دن ہیں گنتی کے۔ البقرہ ۲: ۱۸۴
} اِنَّ الصَلَوٰۃَ کَانَت عَلَی المُومِنِینَ کِتَٰباً مَّوقُوتَا ٭
بے شک نماز ایمان والوں پر فرض ہے اپنے مقررہ اوقات میں۔ النسا ۴: م۱۰۳
َ } یَسَلُونَکَ عَنِ الاَھِلَّۃِ، قُل ھِیَ مَٰواقِیتُ لِلنَاسِ وَالحَجِّ ٭
آپ سے پوچھتے ہیں حال نئے ہلال کا، کہہ دیجئے یہ اوقات مقرر ہیں لوگوں کے واسطے اور حج کے واسطے۔ البقرہ ۲: ۱۸۹
} اَلحَجُّ اَشھَر مَعلوُمَات ٭
حج کے معلوم (متعین)مہینے ہیں۔ البقرہ ۲: ۱۹۷

گفتہ

یہاں آٹوا میں ایک مسجد ہے۔ اس کے امام صاحب نو عمر ہیں۔ کسی بیرونی ملک سے بلوائے گئے ہیں۔ مسجد سے متصل ان کو رہایش گاہ مہیا کی گئی ہے تاکہ مسجد آنے جانے میں دقت یا تاخیر نہ ہو۔ سرما میں یہاں بے حد برفباری ہوتی ہے تو رہائش دور ہونے کی وجہ سے پریشانی ہو سکتی ہے۔ چونکہ مسجد سرکاری اور تجارتی دفاتر کے علاقہ میں واقع ہے اس لئے دن کی نمازوں میں مصلیوں کی بڑی تعداد ان لوگوں پر مشتمل ہوتی ہے جو قریب کے دفتروں میں کام کرتے ہیں اور ظہر کے وقت ان کے پاس بس چند منٹ کا وقفہ ہوتا ہے جس میں وہ مسجد آ کر جماعت سے نماز بھی پڑھتے ہیں اور بھاگتے دوڑتے دوپہر کے کھانے کے طور پر کچھ نُقل بھی کر لیتے ہیں اور پھر وقت پر اپنے اپنے دفتروں میں حاضر ہو جاتے ہیں۔ ان کا ایک ایک منٹ حساب سے نپا تلا ہوتا ہے۔ دفتر پہنچنے میں مستقل تاخیر کو کوئی اپنا وتیرہ بنا لے تو ظاہر ہے اس کا بہت برا اثر انفرادی طور پر بھی پڑے گا اور بحیثیت مجموعی مسلمانوں کا تاثر بھی منفی قائم ہو گا۔ ویسے بھی آج کل مسلمانوں کا اسلام خاصا خورد بین کے نیچے رکھا ہوا ہے۔ تو لوگ احتیاط بھی کر رہے ہیں۔ مگر سنا ہے متذکرہ امام صاحب مقررہ وقت پر نماز پڑھانے کے لئے تشریف لانے میں ذرا دیر ہو جاتی ہے، اور اگر ان کی عدم موجودگی میں کوئی مصلی نماز پڑھانے کی جسارت کر بیٹھے تو یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ امام صاحب کبیدہ خاطر ہوتے ہیں اور مصلیوں پر بگڑتے ہیں کہ ان کا انتظار کیوں نہ کیا گیا۔
برسوں پہلے جدہ میں ایک جلسہ علم اور تعلیم کے موضوع پر تھا۔ جلسہ ایک ریستوراں کے ہال میں تھا اور جلسہ کے بعد تمام حاضرین رات کے کھانے پر بھی مدعو تھے۔ ہندستان کے ایک نامور مدرسہ کے ناظم بطور مہمان خصوصی تشریف لائے ہوئے تھے۔ جلسہ کا وقت بعد نماز عشا ء نو بجے کا دیا گیا تھا۔ میں اپنی عادت بد سے مجبور ٹھیک وقت سے پانچ منٹ پہلے پہنچ گیا، تو وہاں لکھنو کے معین خان صاحب کے علاوہ کوئی نہ تھا۔ ابھی منتظمین بھی تشریف نہیں لائے تھے۔ مجھے پہنچے ابھی دو چار منٹ ہوئے تھے کہ مرحوم مصلح الدین سعدی آ گئے۔ جلسہ کی صدارت انہی کو کرنی تھی۔ رات کے گیارہ بج کر پینتالیس منٹ پر ناظم جلسہ نے اجتماع کے رسمی آغاز کے لئے قاری صاحب کو تلاوت کلام پاک کے لئے مدعو کیا۔ جلسہ ختم ہوا تو رات کا کھانا صبح کے تین بجے کھلایا گیا جو ٹھنڈا پٹ ہو چکا تھا اور ریستوراں کے چند اونگھتے ہوئے ملازمین کو کھانا گرم کر کے پیش کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں رہ گئی تھی۔
حیدرآباد میں ایک شادی کا دعوت نامہ ملا۔ لگتا تھا داعی کو وقت کی پابندی کا بہت خیال تھا۔ شادی کے رقعہ پر نظام الاوقات درج تھا:
بارات کی آمد = ۰۰:۷ بجے شب
نکاح مسنونہ = ۳۰:۷ بجے شب
تناول عشائیہ = ۰۰:۸ بجے شب
دلہن کی رخصتی = ۰۰:۱۰ بجے شب
ہم دلہن کی جانب سے مدعو تھے تو ساڑھے چھ بجے شام شادی خانہ پہنچ گئے تاکہ بارات کا استقبال کرنے کے لئے موجود رہیں۔ شادی خانہ میں ابھی اُلو بھی نہیں بول رہے تھے۔ وہ بعد میں بولے اور بہت بولے۔ رات کے گیارہ بجے اطلاع ملی کہ دلہن کارگاہ جمال سے اپنی آرائش کروا کے تشریف لے آئی ہیں نیز یہ کہ بارات دولہا کے گھر سے روانہ ہو چکی ہے اور سر دست اپنے محلہ کے چوک میں دولہا کے دوست احباب اور بھائی وغیرہ نفیری کی تان اور نقارہ کی چوٹ پر رقص شادمانی میں مشغول ہیں، لہٰذا مزید انتظار کیا جا سکتا ہے۔ رات کچھ زیادہ ہی بھیگ چکی تھی تب کہیں بارات شادی خانہ پہنچی۔ سنا تھا کہ گزشتہ ہفتہ کسی شادی میں انتظار کی کوفت اور کلفت سے تنگ آ کر قاضی صاحب شادی خانہ سے چلے گئے تھے۔ اس لئے اس شادی میں احتیاطاً قاضی صاحب کو ایک کمرہ میں مقفل کر دیا گیا تھا تاکہ دولہا دلہن کی تشریف آوری کے بعد قاضی جی کی ڈھُنڈیا نہ پڑے۔ قاضی بے چاری کی حیثیت ہی کیا۔ حیثیت تو ایک بے تمیز جوڑے کی تھی۔
یہ تمام واقعات تین ملکوں کے تین شہروں کی زندگی کی دیگوں سے کنی کے ایک ایک چاول کے طور پیش کئے گئے ہیں۔ یعنی ہر جگہ ہمارا حال یکساں ہے۔ ان سب واقعات کا تعلق اس قوم کے مایہ ناز فرزندوں اور دختروں سے ہے جن کے نظام زندگی کی چار مثالیں اوپر اُس کتاب میں سے چنی ہیں جو عقیدے کا جزو تو ہے مگر اس کی عبارتیں ذہن اور عمل کا حصہ نہیں رہیں۔
جدہ کے متذکرہ جلسہ میں مجھے بھی تقریر کی دعوت دی گئی تھی اصل اسلامی تعلیم اور مغربی فنی تعلیم کے امتزاج اور باہم توافق کے امکانات پر۔ میرا نام پکارا گیا تو رات کا ڈیڑھ بج چکا تھا۔ صاف نظر آ رہا تھا کہ تھکے ہوئے اور بھوکے سامعین میں سے کسی کو بھی بوجھل تقریریں سننے سے دلچسپی نہیں رہ گئی تھی۔ ایک گروہ البتہ بزرگ محترم کا ارادت مند تھا سو انہی کے بیان کا منتظر تھا۔ مجھے بھی اس مجلس میں کسی علمی گفتگو کا یارا نہیں رہا تھا۔ اس لئے میں نے موضوع بدل دیا اور آٹھ دس منٹ میں ایک بات گوش گزار کر کے اپنی نشست پر واپس آ بیٹھا۔ وہاں اس شب جو کچھ عرض کیا تھا وہی یہاں بھی کم بیش بیان کر دیتا ہوں۔ مگر خدا نخواستہ اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کو جو عرض کرنا ہے اس کو جان کا روگ بنا لیا جائے۔ اس روگ پر ایک بات اس مضمون کے آخر میں عرض کر دوں گا۔
میں نے کچھ یہ کہا تھا:
دنیا میں اللہ نے بہت سی قومیں بنائی ہیں۔ ان سب کو ایک دین دیا تھا۔ مگر ایک قوم کے دین میں ہر کام کا وقت بھی مقرر کر دیا گیا تھا اور اس کی پابندی کا حکم بھی دیا گیا تھا۔ کہا گیا کہ دن میں پانچ بار عبادت کرو۔ اب یہ نہیں جب جی چاہے اور جتنا جی چاہے عبادت کر لو۔ نہیں، پانچ بار کی عبادتوں کے نام اور ان کے اوقات اور ارکان تک متعین کر دئے۔ یہ نہیں کہ دوپہر میں رات والی عبادت کر لی جائے اور دن ڈھلے صبح کی عبادت نپٹا دو۔ ہر عبادت اس کے مقررہ وقت پر ہی قبول کی جاتی ہے۔ پھر کہا گیا کہ عبادت سب مل کر کریں تو سب کو ۲۷ گنا زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ یعنی ایک مقررہ وقت پر ایک متعینہ مقام پر لوگ جمع ہو جائیں۔ اور جب مقررہ وقت ہو جائے تو کسی کا انتظار کئے بغیر مل جل عبادت کر لیں۔ جس کو آنا ہو وہ وقت پر آ جائے اور اجتماعی فائدہ میں شریک ہو جائے، نہ آنا ہو تو اس کی مرضی۔
اس قوم کوسال میں ایک عبادت اور بتائی گئی۔ ایک مہینہ تک صبح طلوع آفتاب کے بعد اور شام غروب آفتاب سے قبل کھانا پینا اور کئی دوسری باتیں مت کرو۔ اس میں وقت کی قید زیادہ سخت کر دی، یعنی اگر صبح کی عبادت کے فوراً بعد کچھ کھا پی لیا تو وہ دن بھر بھوک برداشت کرنے کی عبادت مستند نہ رہی۔ اور سورج ڈوبنے سے ایک منٹ پہلے کچھ کھا پی لیا تو دن بھر کی مشقت رد ٹھہری اور محنت اکارت گئی۔
سال ہی میں ایک بار ایک اور عبادت بتائی گئی۔ وہ یہ کہ وسائل ہوں تو بہت دور ایک زمین پر ایک عبادت گاہ میں ساری دنیا سے لوگ جمع ہو جائیں اور ایک متعین مہینے کے پانچ متعین دنوں میں متعین اوقات پر متعین کام کریں۔ اس سرزمیں میں ایک چوکور گھر کے گرد گھومنا ایک عبادت ہے۔ اس سالانہ عبادت کے موقعہ پر اس کا وقت اور دن بھی مقرر ہیں۔ ان دنوں کے علاوہ کسی اور دن وہ سالانہ عبادت مقبول نہیں۔ اور اگر وہ مقررہ تین دن گزر جائیں تو پانچ دن کی ساری عبادت گلے میں طوق بن کر رہ گئی۔ اب میاں بیوی آپس میں مل نہیں سکتے۔ بال اور ناخن نہیں ترشوا سکتے۔ خوشبو نہیں لگا سکتے۔ یعنی ذرا سی غفلت اور وقت کی عدم پابندی سے کتنی بڑی مشکل میں پڑ گئے۔ اس مشکل سے نکل سکتے ہیں مگر خرچہ بہت ہے۔ ایک بکرا ذبح کرو اور غریبوں کو کھلا دو۔ مگر بکرا صرف اسی بڑی عبادت گاہ کے پاس ذبح کیا جائے گا۔ کہیں اور کیا گیا تو قبول نہیں ہو گا۔
پھر سال میں ایک بار اپنے سارے مال کا بہت ذرا سا حصہ غریبوں ناداروں کو دینے کا حکم ہوا۔ مگر صاحب اس میں وقت کی ایسی شرط لگائی کہ اگر سال پورا ہونے میں ایک دن کم رہ گیا تو وہ جو غریبوں کو دیا وہ تو دے دیا مگر عبادت نہ ہوئی۔ وہ بچا ہوا ایک دن گزرنے کے بعد پھر اتنی ہی رقم دوبارہ دینی لازم ٹھہری۔
تو یہ ایک قوم ہے جس کو اس کی تشکیل کے پہلے دن سے وقت کی ایسی سخت پابندی کی تربیت دی گئی تھی کہ دنیا میں اس کی کوئی دوسری مثال نہیں۔
یہ وہ قوم ہے کہ نماز وقت پر نہ پڑھی تو وہ قضا اور فوت کہلا ئی جس میں ثواب یوں کم ہوا کہ سنتیں ترک ہو گئیں۔ اور سنت ترک ہونے کا مطلب ہوا اس دین کے نبیؐ کی محبت کا عملاًً انکار۔ اب لاکھ محبت کے نعرے لگایئے مگر جب پابندی وقت کی خلاف ورزی کر کے اس نبی کی سنتوں ہی کو چھوڑ دیا تو کہاں کی محبت۔ روزہ ایک منٹ کی کمی بیشی سے فاسد ہو گیا۔ دن بھر کی عبادت کے بجائے دن بھر کا فاقہ شمار ہوا۔ اس کا کوئی فائدہ نہیں رہا۔ اور وقت ہو گیا تو کسی کا انتظار نہیں کرنا۔ بسم اللہ پڑھی، افطار کر لیا۔ نماز کا مقررہ وقت ہو گیا تو جو لوگ موجود ہیں اپنے میں سے کسی پڑھے لکھے فرد کو امام بنائیں اور نماز پڑھ لیں۔ ایک بار تو صحابہ کے ہاں بھی اس کی روایت ہے کہ رسول اللہؐ کو کچھ تاخیر ہو گئی تو لوگوں نے حضرت عبد الرحمٰن ابن عوفؓ کو امام بنا کر نماز شروع کر دی۔ حضورؐ آئے تو حضرت عبدالرحمٰن ؓ نے امامت سے ہٹنا چاہا، مگر حضورؐ نے روک دیا اور خود ان کے پیچھے نماز پڑھی۔ یہ تربیت تھی کہ وقت ہو جائے تو خود امام کا انتظار بھی ضروری نہیں۔
اور پھر یہ جو آٹوا، جدہ اور حیدرآباد کے تین واقعات اوپر درج کئے ہیں بخدا سب اسی قوم کے ہیں جس کو وقت کی پابندی کرنے میں دنیا کا امام ہونا چاہیئے تھا اور جو وقت کی ناقدری میں دنیا کی ہر قوم سے آگے ہے۔
میں ہر گز نہیں کہتا کہ شادی بیاہ کی تقریبوں اور سماجی امور پر جلسوں میں وقت کی ویسی ہی پابندی کی جائے جیسے ٹرین یا ہوائی جہاز پکڑنے اور سنیما گھر میں فلم دیکھنے کے لئے کی جاتی ہے۔ ظاہر ہے کسی کے بھی وقت سے زیادہ ضروری تو اس ایک دن کی دلہن آرائش خم کاکل ہے۔ میں بس یہ کہتا ہوں کہ اس مہذب دور میں اگر گھروں کی بچیاں بالیاں اتنی نا اہل ہو گئی ہیں کہ ایک دلہن کی آرائش نہ کر سکیں تو اس نیک کام کا آغاز شام کے چھ بجے کے بجائے صبح کے چھ بجے کر لیا کریں۔ بارات کے موقعہ پر ڈھول تاشے کی گت پر سر عام ناچنے کے فن کا مظاہرہ اتنا ہی ضروری ہے تو وہ کسی اور وقت بھی ہو سکتا ہے، اس کا تو نماز اور روزہ اور حج اور زکوٰۃ کی طرح کوئی خاص وقت بھی مقرر نہیں۔ اب بھلا دیکھئے یہ سب تو زندگی کی اشد ضرورتیں ہیں۔ تو انہیں کیسے ترک کیا جا سکتا ہے۔ آخر خدا کو بھی منہ دکھانا ہے۔ اور دنیا میں بھی عزت سے رہنا ہے۔
تومیں بس اتنا کہتا ہوں کہ مجھ جیسے تہذیب سے عاری اور ثقافت نا شناس لوگ جو مسجد میں نماز کے لئے، جلسہ میں اہم مذاکرات سننے کے لئے، خوشی کی تقریبات میں شریک ہونے کے لئے مقررہ وقت پر آ جاتے ہیں انہیں اس سماجی جرم اور گناہ کبیرہ کی اتنی بڑی سزا تو نہ دی جایا کرے کہ وہ ساری خدائی، بلکہ کبھی کبھی وقت کے فرعونوں کے سامنے خود اپنی نظروں میں حقیر ہو جائیں۔
جدہ ہی میں ایک جلسہ تھا۔ وقت گزرتا جا رہا تھا۔ منتظمین ادھر سے ادھر یوں پھر رہے تھے جیسے کسی پریشانی کا شکار ہوں۔ حاضرین سے نظریں نہیں ملا رہے تھے کیونکہ ان نظروں میں چھپے ہوئے سوا ل کا جواب ان کے پاس نہیں تھا۔ پھر وہ آ گئے جن کا شدت سے انتظار تھا اور جن کے انتظار میں جلسہ معطل تھا۔ اور وہ آئے تو منتظمین اور کچھ حاضرین ان کے قدموں میں بچھے جا رہے تھے۔ آخر کار گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ کی تاخیر سے جلسہ شروع ہوا۔ ان شخصیت کو تقریر کے لئے بلایا گیا۔ انہوں نے دو چار جملے کہے۔ آپ لوگ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ قوم کو ان کاموں کی ضرورت ہے۔ ان سے قوم میں بیداری پیدا ہو رہی ہے۔ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ آپ لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ میں بے حد مصروفیت کے باوجود وقت نکال کر جلسہ میں آیا ہوں۔ آئندہ بھی آپ کی حوصلہ افزائی کرتا رہوں گا۔ خدا حافظ۔
اور وہ چلے گئے، اور جلسہ اب ان کے بغیر بہت آرام اور عزت سے چلتا رہا۔ ان کے آنے سے پہلے نہ چل سکا تھا۔
اور جو چند منٹ روئے زیبا دکھا کر چلے بھی گئے تھے انہیں نہ یہ خبر تھی کہ کس کام کی تعریف کر گئے اور نہ یہ کہ کس طرح کی حوصلہ افزائی کی ضرورت تھی۔
رہے وہ بے کار بلکہ نابکار لوگ جو یہ تقریر دل پذیر سننے کے لئے وقت پر آ گئے تھے اور دو گھنٹے سے پہلو بدل رہے تھے، ان کو اب اپنے اس کئے کی سزا بھگتنے کے لئے کٹے ہوئے بکروں کی طرح چھوڑ دیا گیا تھا۔
تو بس کہنا یہی تھا تب بھی اور اب بھی کہ خدا نہ کرے جو ہم کوئی کام اس کے وقت پر کر کے ساری دنیا میں نکو بنیں اور شرم کے مارے کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہ رہیں۔ البتہ وہ جو وقت کی پابندی کرتے ہیں ان کو جلسوں، تقریبوں میں یوں خوار نہ کیا کریں۔ کم از کم انہیں جلسوں اور شادی کی تقریبوں میں نہ بلایا کریں۔ یہ لوگ اس قابل نہیں ہوتے کہ انہیں مدعو کر کے عزت دی جائے۔
جدہ ہی کی بات ہے۔ شائد ۱۹۸۴ یا ۱۹۸۵ کی۔ میں نے روف خلش کے مجموعہ کلام نئی رتوں کا سفر پر ایک تنقیدی مقالہ لکھا تھا۔ اسے پیش کرنے کے لئے مصلح الدین سعدی مرحوم نے ایک تقریب کا اہتمام کروایا تھا۔ صدارت انہیں کو کرنی تھی۔ پہلے سے طے ہو گیا تھا اور مدعوئین پر بھی واضح کر دیا گیا تھا کہ جلسہ ٹھیک وقت پر منٹ اور سیکنڈ کے تعین سے شروع ہو جائے گا، انتظار کسی کا نہ ہو گا۔ بڑی تعداد میں لوگ وقت سے دس پندرہ منٹ پہلے ہی جمع ہو گئے۔ موجود نہیں تھے تو خود سعدی صاحب۔ جلسہ کی نظامت مہتاب قدر صاحب کر رہے تھے۔ وہ مائک پر آ کر بیٹھے۔ گھڑی کی سوئیوں پر ان کی نظر تھی۔ اور جوں ہی وقت ہوا انہوں نے صدر کے بغیر جلسہ کی کارروائی کا آغاز کر دیا، یہ کہہ کر کہ اگر صدر جلسہ تلاوت کلام پاک ختم ہونے تک تشریف نہ لائے تو کسی اور صاحب کو مسند صدارت پر بلا لیا جائے گا۔ بعد میں سعدی صاحب سامعین میں آ کر بیٹھ سکتے ہیں۔
خیر سعدی صاحب اسی درمیان میں آ گئے، مگر تلاوت کے دوران کسی نے ان کا استقبال نہ کیا۔ وہ آ کر ایک طرف سامعین میں بیٹھ گئے۔ تلاوت پوری ہوئی تو انہیں مسند پر بصد عزت و احترام بلایا گیا۔
یہی جدہ میں ہماری ہفتہ وار مطالعہ قرآن کی نشستوں کا رواج تھا۔ وہاں ہم لوگ صرف احمد خان صاحب کا انتظار کرتے تھے۔ سردی، گرمی، بارش، آندھی، طوفان کچھ بھی ہو وہ ہر ہفتہ پابندی سے آتے تھے۔ ان کی عینک کی دکان رات کے نو بجے بند ہوتی تھی اور عمارۃ ملکہ کے نواح میں شارع قابل سے عزیزیہ میں شارع ابن تیمیہ پر ضیاء الدین نیر صاحب کے گھر تک آنے میں انہیں کچھ سولہ سترہ منٹ لگتے تھے۔ تو ان کی خاطر ہماری نشست کا وقت نو بج کر بیس منٹ مقرر تھا۔ باقی کسی کا انتظار نہیں ہوتا تھا۔ ایک بار میں ایک دعوت میں گیا ہوا تھا۔ مجھے وہاں دیر ہو گئی۔ جب نیر صاحب کے گھر پر پہنچا تو وہاں لیکچر کی ماہانہ نشست میرے بغیر اپنے اختتامی مرحلہ میں تھی۔ وہ سب میرے بہت اچھے اور پیارے دوست تھے۔ مجھے اچھا لگا کہ کہ کسی نے مجھ سے اس تعلق کے ثبوت میں دیگر حاضرین کو وقت پر آنے کی سزا نہیں دی۔ اس رات ان سب کی محبت کے ساتھ میرے دل میں اس سب کی عزت بھی بڑھ گئی تھی۔
اس نکتگو کے درمیان میں نے ایک بات لکھی تھی:
’’۔۔۔ خدا نخواستہ اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کو جو عرض کرنا ہے اس کو جان کا روگ بنا لیا جائے۔ اس روگ پر ایک بات اس مضمون کے آخر میں عرض کر دوں گا۔۔۔۔ ‘‘
تو آخر میں عرض کرنا یہ ہے کہ قومیں جس بات کو عادت بنا لیں اس سے یونہی چھٹکارا نہیں پا لیتیں۔ کوئی لاکھ کچھ کہتا رہے۔ جس کتاب سے آج کے نکتے چنے ہیں اسی میں کئی جگہ ذکر ہے کہ لوگ اپنی عادتوں سے باز نہیں آتے۔ کبھی کہتے ہیں کہ اوپر باپ داد اسے ایسا ہی ہوتا آ رہا ہے۔ کبھی معاشرہ میں اپنی عزت کی دہائی دیتے ہیں کہ عادت بدل دی تو ہم چشموں میں کیا آبرو رہ جائے گی۔ مگر پھر وہ لوگ بھی ہوتے ہیں جنہیں کرنا دھرنا کچھ نہیں بس بے وجہ کرید کرتے رہتے ہیں۔ ایسا ہی ایک سوال یاد آ گیا تھا۔
شیخ عبدالحق محدث دہلوی سترھویں صدی کے نصف اول کے بڑے نامور بزرگوں میں ہوئے ہیں۔ اس زمانہ میں چرچا ہوا کہ انگریز سرکار کاغذ کے سکے چلانے والی ہے۔ لوگوں میں تشویش تھی۔ ایک صاحب یہ مسئلہ لے کر شیخ عبدالحق کے پاس پہنچے اور سوال کیا۔
حضرت، یہ کاغذ کے نوٹ جائز ہیں کیا؟
شیخ مسکرائے، اور جواب دیا:
بھائی فتویٰ تو میں دے دوں گا، مگر فتویٰ تو چلے گا نہیں، ہاں نوٹ چل جائے گا۔
تو بس وہی بات ہے۔ میں نے بھی جو کچھ عرض کیا ہے اس سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ کسی کا چلن نہ بدلے گا۔ لوگ تو وہی سب کچھ کرتے رہیں گے جو اوپر سے کرتے آ رہے ہیں۔ اُس تقریر کے بعد بھی جدہ میں جلسے اسی روایت ی تاخیر سے شروع ہوتے رہے۔ کیا مجال ہے جو لوگوں کی وضع داری میں ادنیٰ فرق آیا ہو۔ جدہ ہی میں ایک بار ایک جلسہ کی نظامت کرتے ہوئے علیم خان فلکی نے چٹکی لی تھی:
’’ جلسہ روایتی تاخیر سے شروع ہو رہا ہے اس لئے اسے شروع کرنے سے پہلے میں روایت ی تاخیر کی روایت ی معذرت کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ ‘‘
ہماری اجتماعی حس مزاح بہت اچھی ہے۔ ہم ایسی باتوں کا برا ہر گز نہیں مانتے۔ اس رات علیم خاں فلکی کے اس فقرہ سے لوگ خوب محظوظ ہوئے تھے ؛بلکہ اگلے جلسہ میں بھی انہیں کو نظامت کے لئے ڈھونڈتے پائے گئے تھے۔
٭٭٭

اعتماد

نکتہ

اگر تم نے خود ہی اپنی قیمت کم رکھی ہے تو یقین جانو دنیا میں کوئی بھی تمہارے زیادہ دام نہیں لگائے گا۔ نا معلوم مصنف
انگریزی سے آزاد اردو ترجمہ: م ط غ

گفتہ

ایک برطانوی ’فلسفی‘ فرانسس بیکن (۱۶۲۶-۱۵۶۱)نے کہیں کہا تھا کہ بنیادی طور پر انسان کی قسمت کا سانچہ خود اس کے ہاتھوں میں ہوتا ہے۔ بیکن کی موت کے کچھ سو ڈیڑھ سو سال بعد امریکی سیاست داں، فلسفی اور سائنسداں بنجمن فرینکلن (۱۷۹۰-۱۷۰۶)نے کہیں لکھا کہ خدا انہی کی مدد کرتا ہے جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں۔
ان دو مقولوں کے بارے میں آپ کی رائے کیا ہے ؟
کیا آپ کے لب پر یا دل میں ان دونوں مقولوں اور ان کے مصنفوں کے لئے تعریفی کلمات آئے ؟
کیا ان دونوں مقولوں کی سچائی نے آپ کو کچھ سوچنے پر اکسایا؟
ان دو مقولوں کے بارے میں خوب سوچ سمجھ کر اپنی رائے طے کیجئے۔ اسے خود تک ہی رکھئے، مگر دل ہی دل میں دو تین مرتبہ دہرا لیجئے، ممکن ہو تو کاغذ کے پرزہ پر لکھ لیجئے تاکہ بعد میں وہ ذہن سے نہ نکل جائے یا تبدیل ہو تو آپ کو اپنی رائے کی اس تبدیلی کی خبر رہے۔ آگے آپ کو اس رائے کے حوالہ کی ضرورت پیش آئے گی۔
اب ایک مقولہ اور ملاحظہ کیجئے :
کہیں لکھا ہے کہ خدا اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جو خود اپنی حالت بدلنے پر آمادہ نہ ہو۔
کچھ یاد آیا یہ مقولہ کہاں لکھا ہوا ہے ؟
اس تحریر کے پڑھنے والے بہت سے افراد کو یاد ہو گا کہ یہ بات انہوں نے کہاں پڑھی تھی۔
آموختہ کے لئے بتا دیتا ہوں کہ یہ عبارت قرآن حکیم کی ۱۳ ویں سورہ الرعد کی ۱۱ ویں آیت کی سادہ ترجمانی ہے۔
اب ذرا طے کیجئے کہ اس آیت کے پیغام کے بارے میں آپ کی کھری کھری رائے کیا ہے ؟
کیا آپ نے قرآن مجید کی تلاوت کے دوران کبھی اس آیت پر لمحہ بھر کو ٹھہر کر اس کے لئے کوئی تعریفی کلمہ کہا ہے؟
کیا اس آیت کی سچائی نے آپ کو کچھ سوچنے پر اکسایا ہے ؟
یا ہر بار اس آیت سے طوطے کی طرح گزرتے ہوئے آپ کو یہ خیال نہ آیا کہ یہ آیت تو آپ سے ذاتی طور پر کچھ مطالبہ کر رہی ہے مگر کبھی اس نے آپ کے دل، دماغ، احساسات، جذبات، قوائے عمل میں کوئی حرکت پیدا نہیں کی!
اپنی کیفیت کا یہ تجزیہ بھی کسی کو نہ بتایئے۔ اسے بھی اپنے دل میں ایک راز رکھئے۔
مگر اب بیکن اور فرینکلن کے مقولوں اور قرآن کی اس آیت پر اپنے تاثرات کا موازنہ اپنے دل میں کیجئے۔ اور اس موازنہ کا راز بھی کسی پر نہ کھولئے۔
مجھے آپ کے ان رازوں کو جاننے سے کوئی دلچسپی نہیں۔ البتہ ایک بات بتا کر اس معمہ کو ختم کریں اور آگے بات کریں گے۔
پہلی بات، آپ نے اندازہ کر لیا ہو گا کہ بیکن اور فرینکلن کے مقولوں کا ماخذ قرآن ہی ہے، مگر دونوں نے اس کا کوئی حوالہ نہیں دیا۔ ان مقولوں کا حق تصنیف و نقل اپنے ہی نام پر رکھا ہے۔ نہیں اس کی کوئی شکایت نہیں، کیونکہ یہ تو ہوتا آ رہا ہے۔ شکایت نہ کرنے کا سبب بھی آگے سامنے آ جائے گا۔ سر دست آپ سے بات کچھ اور عرض کرنی ہے :
اگر آپ نے بیکن اور فرینکلن کے ان مقولوں کی تعریف اور ستائش کی ہے، جو فی الواقع ان کا حق ہے، اور اس کے برعکس قرآن کی آیت نے کبھی بھی آپ کی عملی قوتوں کو مہمیز نہیں کیا تو جان لیجئے کہ آپ احساس کمتری کا شکار ہیں اور ملی سطح پر عروج و ارتقا ء کی کسی محسوس، معلوم یا نا دانستہ کوشش کا حصہ بننے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ دوسری بات یہ جان لیجئے کہ اگر میرے اس بیان سے آپ کو تکلیف پہنچی ہے اور آپ کی دلی خواہش ہے کہ کسی تعمیری کوشش کا حصہ نہ بھی بنیں تو کم از کم آپ کی ملت آپ کے ملک میں، آپ کے خطہ میں، دنیا میں ترقی اور عروج کی منزلیں طے کرے ؛ تو پھر بس یہ سوچئے کہ اس اجتماعی احساس کمتری سے باہر نکلنے کی راہ کیا ہے۔ اگر باہر نکلنے کی کوئی سبیل نہ ہو تو آپ کے لئے دو امکانات ہیں : یا تو آنکھیں بند کر کے کسی ایسے شخص پر بھروسہ اور اس کی پیروی کیجئے جسے آپ سمجھتے ہیں اس بھول بھلیاں سے باہر نکلنے کا راستہ اور گُر معلوم ہے، اور اگر آپ کے خیال میں ایسا کوئی آدمی دنیا میں موجود نہیں ہے یا آپ آنکھیں بند کر کے کسی کا اتباع نہیں کر سکتے تو خاموش بیٹھ کر بس اپنے دفتر کا کام نپٹاتے رہیئے کہ اس سے آپ کی روزمرہ کی بقا وابستہ ہے، باقی زوال و عروج کی بحث میں پڑنا چھوڑ دیجئے کہ یہ مختلف قسم کے لوگوں کا کام ہوتا ہے۔ آپ اس میں پڑ کر کیوں اپنا وقت ضائع کرتے ہیں۔
مگر میں جانتا ہوں آپ ایسا نہیں کریں گے۔ آپ کو اپنی اعلی یا ادنی تعلیم پر بہت ناز ہے، اپنے دماغ پر بڑا غرہ ہے۔ اپنی صلاحیتوں کا بہت پندار ہے اور آپ کا خیال ہے کہ ترقی اور عروج کا نسخۂ کیمیا آپ کے پاس ہے۔ اس لئے آپ دنیا کے کسی شخص کی پیروی نہیں کر سکتے۔ تو چلئے اسی نقطۂ نظر سے کچھ نکتگو کریں۔
بعض لوگوں کا خیال ہے - نہیں، بہت سے لوگوں کا خیال ہے - کہ مسلمانوں کی ترقی، خوشحالی، عروج اور اقتدار، عزت، آبرو مندی سب کا انحصار اس پر ہے کہ وہ تعلیم (یعنی مغربی تعلیم، جدید تعلیم) اور سائنس اور ٹیکنولوجی حاصل کریں، کیونکہ وہ ان میدانوں میں نہایت پسماندہ ہیں۔ ایک ذرا ادھر توجہ ہو جائے تو پھر دیکھئے جو یہ اونٹ دوڑنا شروع کرے گا تو کیا کسی کا راکٹ اس کا مقابلہ کر سکے گا۔ بعض لوگوں، بلکہ اکثر لوگوں، کا یہ خیال بھی ہے کہ سائنس اور ٹیکنولوجی وغیرہ میں ترقی کا یہ کام بہت مشکل نہیں ہے مگر کم بخت مولوی ہمیشہ آڑے آ جاتا ہے۔ وہی مسلمانوں کی پسماندگی، نکبت، افلاس، جہالت، بے علمی، بے عملی وغیرہ وغیرہ وغیرہ کا واحد ذمہ دار ہے۔
ممکن ہے اس معاملہ میں آپ کی رائے بھی یہی یا کچھ ایسی ہی ہو۔
اگر ایسا ہے تو پوری راز داری کے ساتھ ایک اور سوال خود سے کیجئے : آپ امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینڈا، آسٹریلیا، نیو زیلینڈ میں رہتے ہیں، ان میں سے کسی ملک کو اپنا وطن بنا چکے ہیں۔ ان ملکوں میں آ کر آپ نے بہت مشہور یونیورسٹیوں سے بے شمار حرفوں سے بنائی ہوئی اونچی اونچی ڈگریاں حاصل کی ہیں جو آپ کے گھروں اور دفتروں میں دیواروں کی زینت بھی ہو سکتی ہیں۔ اب سوال خود سے یہ کیجئے کہ جب آپ ہندستان، پاکستان، بنگلہ دیش، افغانستان، ایران، مصر، انڈونیشیا کی یونیورسٹیوں میں فزکس، کیمسٹری۔ میتھس، بایولوجی، زولوجی وغیرہ میں اونچی ڈگریاں لینے کے لئے رات دن پڑھ رہے تھے تو کبھی کسی مولوی نے آپ کو اس کار خیر سے روک دیا تھا؟ اور کسی مولوی نے کبھی کچھ کہا بھی ہو تو کیا آپ نے کبھی اُس کی پرواہ کی تھی؟ پھر جب اپنے وطن کی یونیورسٹیوں سے فارغ ہو کر آپ نے اعلیٰ تعلیم کے لئے ولایت ی ملکوں کی دوڑ لگائی تھی اور ہزاروں ہزار بلکہ لکھوکھا لکھ کی تعداد میں نقل مکانی کر رہے تھے تو کونسا مولوی آپ کو اس سفر سے روکنے پر تل گیا تھا؟ اور جب آپ اپنے پسماندہ، مفلس، جاہل، بے علم اور بے عمل ملک و قوم سے باہر نکل کر مہذب اور ترقی یافتہ دنیا کا جزو لاینفک - کبھی نہ ٹوٹنے والا حصہ - بن گئے تھے تو کس مولوی نے آپ کو سائنسی اور ٹیکنولوجیائی ترقی کی سمت مسلمانوں کے آگے لے جانے سے روک دیا تھا؟اس مولوی کا نام یاد کیجئے اور کوشش کیجئے وہ نام اس مضمون کے آخر تک آپ کو یاد رہے۔
سیدھا سوال یہ ہے کہ امریکہ، یورپ، آسٹریلیا وغیرہ میں برسوں بلکہ اب تو نسلوں کے قیام کے بعد آپ نے خود کون سے وہ سائنسی ایجادوں کے کمالات دکھا دئے جو آپ کے نئے ہموطن گورے دن میں سیر بھر کے حساب سے آپ کو دکھاتے چلے آ رہے ہیں ؟
آپ کی زندگی کے اس پورے ناکام سفر میں مولوی کہیں دور دور بھی موجود نہیں کہ آپ کو وہ سب کچھ کرنے سے روک دے جو آپ پچھلے چالیس پچاس برس سے اپنی مرضی سے کرتے چلے آ رہے ہیں۔ اب اگر کوئی شخص خود اپنی نا اہلی، جہالت، بے عملی، نالائقی کا الزام کسی ایسے شخص کو دے جس کا اس کی زندگی اور افکار سے دور کا بھی تعلق نہ ہو تو سادہ زبان میں چھوڑئے، ذرا مہذب پیرائے میں اسے ابو سفیہہ کے سوا کیا کہا جا سکتا ہے۔ ابھی چند دن پہلے ایک بار پھر لوگوں کو ابال آ گیا تھا یہ جاننے کا کہ ترقی کیا ہے۔ ایک ابو سفیہہ نے مولوی پر لعنت بھیجتے ہوئے اعلان کیا کہ جب تک مسلمانوں میں چار شادیوں اور تین طلاقوں کا معاملہ طے نہیں ہو گا قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ کمزور آنکھوں والے اس دانشور کو یہ بھی پتہ نہیں کہ اس کے اطراف رہنے والے شادی کے بغیر(بلکہ شادی کے باوجود) مرد و عورت صنف مخالف کے چالیس چالیس افراد سے بلا تامل صنفی تعلق رکھ سکتے ہیں، رکھتے ہیں، اور طلاق کا لفظ ایک بار بھی زبان سے نکالے بغیر علیحدگی اختیار کر سکتے ہیں اور کرتے ہیں، پھر بھی وہ ترقی کئے جا رہے ہیں جن کا خواب ابو سفیہہ کی آنکھوں کو جلائے ڈال رہا ہے۔
اور یہ چار شادی اور تین طلاق کا معاملہ کس کی عدالت میں فیصل ہو گا؟ کیا اُس کی عدالت میں جس کا قانون سے اتنا بھی تعلق نہیں جتنا بندر کا ناریل سے ہوتا ہے ؟یہ ایسا ہی ہے جیسے سول نجنئر کہے اب شیکسپئر کا میکبیتھ وہ پڑھایا کرے گا۔ دو گے اسے یہ اجازت؟
علی گڑھ میں انگریزی کے ایک استاد تھے، پروفیسر بوس۔ وہ صدر شعبہ بھی تھے۔ میں ان کا ایک نالائق شاگرد ہوں، ان کا پورا نام ذہن سے نکل گیا۔ ان سے میری ایک ہی ملاقات ہوئی تھی۔ وہ بھی کلاس روم میں نہیں، ان کے دفتر میں۔ اور اس ایک مختصر ملاقات میں انہوں نے مجھے ایک بہت اچھا درس دیا تھا، کچھ ویسا ہی جیسا مولانا حفیظ اللہ سلیم، ناظم دینیات مسلم یونیورسٹی، نے ایک سال پہلے دیا تھا۔ پروفیسر بوس نے مجھ سے کہا تھا کہ کچھ غیر ذمہ دار لوگ انگریزی کو ایک مشکل مضمون سمجھتے ہیں۔ ان کی باتوں میں نہ آنا۔ دیکھو، مشکل وہ بات ہوتی ہے جو ہم نہیں جانتے۔ میرے لئے ہوئی جہاز اڑانا مشکل ہے اس لئے نہیں کہ جہاز اڑانا مشکل کام ہے، بلکہ اس لئے کہ میں جہاز اڑانا نہیں جانتا۔ مگر میں شیکسپئر پر لگاتار تین گھنٹہ لیکچر دے سکتا ہوں کیونکہ میں شیکسپئر کو بخوبی جانتا ہوں۔ ایک ہوا باز جمبو جہاز کو کہیں رکے بغیر دلی سے نیو یارک تک لے جا سکتا ہے، کیونکہ وہ ہوائی جہاز اڑانا جانتا ہے، مگر اس ہوا باز کے لئے شیکسپئر پر دو منٹ بولنا بھی مشکل ہے کیونکہ وہ شیکسپئر سے واقف نہیں ہے۔ تو مشکل آدمی کی جہالت اور ناواقفیت کا نتیجہ ہوتی ہے۔
امکان کی دنیا میں پروفیسر بوس جمبو جیٹ اڑانا بھی سیکھ سکتے تھے اور شیکسپئر پر لیکچر دیتے ہوئے جہاز کو نیویارک لے جا سکتے تھے، یا کونکورڈ جیٹ کا پائلٹ ساتھ ہی شیکسپئر پر ڈاکٹریٹ بھی کر سکتا تھا۔ مگر ایسا کبھی دیکھا نہیں۔ پروفیسر بوس کا ایک پوشیدہ پیغام یہ تھا کہ اسی موضوع پر بولو جسے تم بخوبی جانتے ہو۔ یہی بات مولانا حفیظ اللہ سلیم نے بھی دینیات کی کلاس سے کہی تھی۔ مگر دنیا میں مولانا حفیظ اللہ سلیم اور پروفیسر بوس تو بہت کم ہوتے ہیں۔ اکثریت ان لوگوں کی ہے جو اپنی مفروضہ علمیت سے خود کو مطمئن رکھنے کے لئے بے ضرورت غلط موضوعات پر بے تکان بے تکا بولتے رہتے ہیں۔ یہ لوگ جانتے ہیں کہ اگر انگریزی کا ایک پروفیسر ناسا کے سائنسدانوں کو خلائی جہاز کے کل پرزوں کے بارے میں مشورے دینے لگے گا تو اسے فوراً دماغی امراض کے ہسپتال میں بھیج دیا جائے گا۔ لیکن وہ مولوی کے اختصاصی علمی معاملات میں ٹانگ اڑاتا رہے تو وہ شریف آدمی ان پر لات نہیں چلائے گا۔ ان کو نظر انداز کر دے گا۔
یہ تو ہوا ایک پہلو جو واضح کرتا ہے کہ احساس کمتری میں مبتلا قومیں کس طرح کی حرکتیں کر کے اپنی ناقابلیت پر پردہ ڈالتی ہیں اور کیوں اپنے ہی مگر غیر متعلقہ لوگوں کو اس اجتماعی نالائقی کا الزام دیتی رہتی ہیں۔
دوسرا پہلو یہ ہے کہ جو قومیں اپنی اصلی توانائی سے ناواقف ہوتی ہیں، دن رات اس توانائی کا رد کرتی رہتی ہیں اور دیگر اقوام کی برتری کے گیت گاتی رہتی ہیں وہ قیامت تک ترقی نہیں کر سکتیں۔ اس بات کو اپنے ذہن میں رکھئے۔ یہ نکتہ آگے آپ کے کام آئے گا۔
اب ذرا ترقی وغیرہ کے اسباب پر بھی ایک نظر ڈال لیں۔
ترقی اور عروج شے ہے یا کیفیت ؟اسے آپ میز کی طرح ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر سکتے ہیں یا اسے صرف محسوس کر سکتے ہیں۔ اگر یہ فقط محسوس کرنے کی بات ہے تو اسے کیسے محسوس کیا جاتا ہے ؟
تو سنئے :
عروج اور ترقی تہذیب کا نام ہے، سائنس اور ٹیکنولوجی کا نہیں۔ یہ نہیں کہ آپ نے سنگر سلائی مشین بنا دی تو ایک دم ساری قوم کی ترقی ہو گئی۔ پرانی دلی میں بلی ماران کے علاقہ میں مسلم لوہار اپنے لوہار خانوں میں اوشا سلائی مشینیں ڈھالا کرتے تھے۔ برسوں یہ کام کیا انہوں نے۔ تو سوچئے ہندستان کا نہ سہی، دلی کا نہ سہی، بلی ماران کا مسلمان ترقی کیوں نہ کر سکا۔ ٹیکنولوجی تو ان کے پاس تھی۔
تہذیب نہ عمارتوں کا نام ہے نہ سائنس اور ٹیکنولوجی کا۔ یہ تو تہذیب کے مظاہر ہیں، جن کی مدد سے آپ ترقی اور عروج کی کیفیات کا احساس کرتے ہیں۔ ہمارے دور میں ہر پڑھے لکھے، بلکہ جا ہل آدمی کو بھی یہ گمان پیدا ہو گیا کہ اونچی اونچی عمارتیں بنا کر ہم اپنی قومی ترقی کا ثبوت دنیا کو دے دیتے ہیں۔ کئی برس پہلے اس پر ایک شعری تبصرہ کیا تھا جب سعودی مملکت میں ہر نئی سڑک اور نئی سرکاری عمارت، اور ٹیلیفون کے نئے ایکسچینج کو ارتقا کی دلیل بنا کر اخباروں میں پیش کیا جاتا تھا:
شیخ العرب کی رائے بھی ہے ان دِنوں یہی اونچی عمارتوں میں ہے تہذیب کا قیام
اب اگر بلند و بالا عمارتیں، طویل سڑکیں، اور بھاری یا نئی مشینیں اور ان کا استعمال بجائے خود تہذیب نہیں ہیں تو پھر تہذیب کیا ہے ؟
تو سنئے :
تہذیب ذہن سے بنتی ہے۔ ہر ذہن سے نہیں، فقط اس ذہن سے جو تازہ کار، ابتکاری، تخلیقی جوہر رکھتا ہو۔ وہ ذہن جو کوئی نظریہ دے سکے ؛ جو کسی ابتکاری نظرئے کو رو بہ عمل لانے کی مہیب قوت رکھتا ہو۔ وہ ذہن جس کے پاس کہنے اور دکھانے اور عمل کرنے کو کوئی مختلف بات ہو:مختلف خیالات، ، مختلف طرز زندگی، مختلف سوچ، مختلف نظریہ ہو۔ بہت مختلف۔ رائج نظریات و افکار سے بالکل مختلف!
افرادی فکر سے ایک قسم کا تال میل، لین دین پیدا ہوتا ہے۔ یہ لین دین باہم اعتماد کی فضا پیدا کر دے تو مفید ہوتا ہے۔ اس فضا میں وہ لوگ بنتے ہیں جو اپنے وجود کا عرفان رکھتے ہیں۔ نیا، مختلف، منفرد نظریہ وہی فرد پیش کر سکتا ہے جسے خود پر مکمل اعتماد ہو۔ اور اس اعتماد کے ساتھ پیش کئے جانے والے نظرئے کو جب کوئی انسانی گروہ ’’آنکھ بند کر کے ‘‘ قبول کر لیتا ہے تو اس کے اندر خود اعتمادی کا ہمالہ پہاڑ وجود میں آ جاتا ہے : ایک ایسا پہاڑ جسے کوئی دوسرا نظریہ، فکر، قوم، تہذیب عبور کرنے کے قابل نہیں رہتی، اس سے سر ضرور ٹکرا سکتی ہے، مگر خود پاش پاش ہونے کے لئے۔ یا اس کے سایہ میں آسودہ ہو نے کے لئے، اپنا سب کچھ اس مختلف، نئے نظریئے اور اس کی عملی قوت پر نچھاور کرنے کے بعد۔
اور سنیے :
رائج نظریوں سے مختلف نظریہ کیسے پیدا ہوتا ہے۔
تو جیسے بتایا، اول تو نظریہ فکری اعتماد کا نتیجہ ہوتا ہے۔ یہ اعتماد انسان کی تخلیقی صلاحیت کے درست استعمال سے پیدا ہوتا ہے۔ اوروں کی نقل کرنے سے نہیں۔
کیا اب بھی یہ سمجھنا مشکل ہے کہ کسی کی نقل کر نے میں سب سے پہلی ضرب انسان کے اعتماد ہی پر پڑتی ہے۔ اور خود پر اعتماد ہی نہ رہے تو آدمی ٹھیک سے نقل بھی نہیں کر سکتا۔
کچھ اور بات کرنے سے پہلے یہ بات ذہن نشین کر لیجئے کہ ہم مسلمان دنیا بھرمیں بس نقالی کر رہے ہیں، جس نے ہمارے داخلی اور اجتماعی اعتماد کو چکنا چور کر دیا ہے اور ہماری تخلیقی استعداد کو نیم جاں کر دیا ہے۔ یہ نکتہ یاد رکھئے، مگر اس پر بات بعد میں کریں گے۔
برسہا برس سے اوروں کی نقالی کرتے کرتے ہم لوگوں کے ذہن اتنے الجھ چکے ہیں کہ فلسفیانہ انداز میں کہی جانے والی اکثر باتوں کو سمجھنے میں ہمیں دقت ہوتی ہے۔ اس لئے مثالیں دینی پڑتی ہیں۔ ایسی مثالوں سے صاحب عقل لوگوں میں اعتماد جاگتا ہے۔ باقی لوگ ان مثالوں کو لطف کی خاطر پڑھ کر شاد کام ہو جاتے ہیں۔ بات ان دوسرے لوگوں سے نہیں، آپ سے ہے۔ قرآن میں قصص کے بیان میں عاقلوں کے لئے یہی حکمت رکھی گئی ہے۔ تو چلئے اسی اسلوب میں کچھ ان قصص پر نظر ڈال لیں جو ہمارے مبادی ذخیرۂ علم میں اسی طرح موجود ہیں جس طرح کچھ قصے قرآن کے اولین مخاطبین کا سرمایۂ معلومات تھے۔
جو قصے میں آپ کو سنانے والا ہوں ان میں سے کچھ کے بارے میں ہمارا مطالعاتی خیال منفی ہے، کچھ کے بارے میں مثبت، اور کچھ کے بارے غیر واضح۔ میں ان قصص کے انفعالی اور منفی پہلوؤں پر بات نہیں کروں گا، صرف ان کے حرکی عمرانی نتائج پر گفتگو کو مرکوز رکھوں گا۔ ان کو آپ نے تبصروں کا نشانہ بنا لیا تو بات کا سرا کھو بیٹیں گے، اور وہیں بیٹھے رہ جائیں گے جہاں سے اٹھا کر میں آپ کو ایک منزل رسا راستہ پر ڈالنا چاہتا ہوں۔
} سوا دو ہزار سال پہلے یونان اور اناطولیہ نام کا کوئی ملک دنیا میں نہ تھا۔ وہاں جن بستیوں میں عقل کا رواج ہوتا تو شہر میں آزاد مرد شہریوں کا ایک سیاسی نظام قائم ہو جاتا۔ ان شہروں میں ایتھنز نے بڑی شہرت حاصل کی۔ ایک مختلف سوچ کے ذریعہ ابتکاری تخلیقی سیاسی نظام نے ایتھنز کے شہریوں میں اعتماد کی فضا پیدا کر دی۔ اس اعتماد نے سقراط پیدا کیا۔ پھر افلاطون۔ پھر ارسطو۔ اس ارسطو کا شاگرد تھا مقدونیہ کے شاہ فیلقوس (فلپ) کا جواں سال، ذکی و ذہین بیٹا، سکندر۔ اس سکندر نے ارسطاطالیسی اور فلاطونی سوچ سے فیض پاکر ہزاروں کی فوج جمع کر لی اور پھر ارسطو کو ساتھ لے کر دنیا فتح کرنے کو نکل کھڑا ہوا۔ مقدونیہ سے نکل کر اس نے اناطولیہ کو زیر کیا، فارس کے بادشاہ دارا کو بھاری شکست دی، سیستان، خراسان، کرمان، افاغنہ کے چھوٹے چھوٹے حکمرانوں کو مطیع کیا اور دریائے سندھ کے کنارے راجہ پورس پر اُس کے اپنے ہاتھیوں کی فوج کو الٹ دیا۔ ان یونانیوں کے ایک ہاتھ میں تلوار تھی اور دوسرے میں سقراط، افلاطون اور ارسطو کا مختلف، منفرد، ابتکاری، تخلیقی فلسفہ۔ پھر انہیں کوئی نہ روک سکا۔
} بارہویں صدی میں منگول بہت سے اور منتشر قبائل تھے جن کو تموچن نامی ایک شخص نے یکجا اور متحد کر دیا تھا۔ یہ شخص تاریخ میں چنگیز خان کہلایا۔ اس نے ایک بہت بڑی مملکت قائم کر دی۔ مگر صرف اتحاد سے کچھ نہیں ہوتا۔ کتے اور بھیڑئے بھی غول میں رہتے ہیں۔ چنگیز نے منگول قبائل کو یکجا کرنے سے زیادہ بڑا جو کام کیا تھا وہ اس اتحاد کو ایک یاسا دینے کا تھا۔ یاسا چنگیزی قوانین کے مجموعے کا نام تھا۔ اس یاسا میں وہ ابتکاری، تخلیقی فکر تھی جس نے غول در غول بکھرے ہوئے منگولوں میں مہیب اعتماد پیدا کر دیا تھا کہ وہ آندھی، طوفان، سیلاب بلا کی مانند چین سے روس اور سندھ سے اناطولیہ تک پھیل گئے اور فقط نصف صدی میں بکھرے ہوئے قبائل سے ترقی کر کے تین عظیم شہنشاہتیں انہوں نے قائم کر دیں : چین کے خاقان کی حکومت، روس کی سنہری فوج کی حکومت اور ایران کی اِیلخانی حکومت۔ ان منگولوں کے ایک ہاتھ میں تلوار اور نیزہ تھا، اور دوسرے ہاتھ میں یاسائے چنگیزی کی ابتکاری قوت۔ پھر انہیں کوئی نہ روک سکا۔
} سولہویں عیسوی صدی کی نشا ۃ الثانیہ نے انسانی تاریخ میں پہلی بار غیر مسلم یورپ کو نظریہ عطا کیا۔ اپنی اصل میں یہ نظریہ اسے مسلم ہسپانیہ سے ملا تھا، مگر فی الحال یہ موضوع نہیں ہے۔ اس پر بعد میں بات کریں گے۔ اس نشا ۃ الثانیہ نے یورپ میں فلسفی پیدا کئے۔ فلسفی انفرادی اعتماد کے نتیجہ میں پیدا ہوتے ہیں۔ ان فلسفیوں ( اور ادیبوں، شاعروں ) نے یورپیوں کو اجتماعی اعتماد عطا کیا۔ اس اعتماد کی کوکھ سے ایک صدی کے اندر صنعتی انقلاب بپا ہو۔ اس انقلاب کے نتائج کو اپنے دیوزاد جہازوں پر لاد کروہ اہل یورپ آندھی، طوفان، سیلاب بلا کی طرح افریقہ، جنوبی ایشیا، جنوب مشرقی ایشیا، شمالی امریکہ میں چپہ چپہ پر پھیل گئے۔ ان کے پاس ابتکاری، تخلیقی نظریہ تھا : سرمایہ داری کا، مادی اساس پر قومیت کا، طرز حکومت کا، طرز معاشرت کا، طرز فکر کا۔ ان اہل یورپ کے ایک ہاتھ میں بندوق اور توپ تھی اور دوسرے ہاتھ میں ابتکاری، تخلیقی نشاتی اقتصادی، عمرانی، معاشرتی، تعلیمی، سیاسی فلسفے۔ پھر انہیں کوئی نہ روک سکا۔
} صنعتی انقلاب بے اندازہ سرمایہ کاری کا نتیجہ تھا اور صنعتی انقلاب کا نتیجہ سرمایہ داری تھی۔ سرمایہ تو دنیا میں ایک ہی گروہ کے پاس تھا۔ اس نے صدیوں کے دوران سود کے نظام کے ذریعہ بے اندازہ دولت جمع کر لی تھی۔ نت نئی صنعتوں سے تکثیر مال کا نیا نسخہ ہاتھ لگا تو لوگ اس ذریعہ سے بھی پیسے بٹورنے میں یہ بھول گئے کہ مشینوں، کارخانوں، صنعتوں کو چلانے کے لئے انسانی ہاتھ درکار ہوتے ہیں۔ ماچس کی تیلیوں پر تیزابی گوندھ کی گھنڈیاں لگانے اور ماچس کی ڈبیوں کے کناروں پر تیزابی سیال کا لیپ کرنے والے ہاتھوں کی انگلیاں گل گل کر جھڑنے لگیں تو کہرام تو نہیں مچا مگر کچھ واویلا ہوا اور ٹریڈ یونینوں نے مزدوروں کے لئے کام کرنا شروع کیا۔ ان سے فائدہ تو ہوا مگر خاطر خواہ فائدہ نہ ہوا تو کارل مارکس نامی ایک شخص نے سرمایہ داری کے خلاف ایک ابتکاری تخلیقی فلسفہ پیش کیا۔ اسے مرے صرف ۳۴ سال ہوئے تھے کہ اس کے فلسفہ کی بنیاد پر زار روس کی بادشاہت کا تختہ الٹ گیا اور کمیونسٹ شہنشاہیت کے دور کا آغاز ہوا۔ اور اس واقعہ کے فقط ۲۸ سال بعد یہ کمیونسٹ شہنشاہیت راست یا بالواسطہ طور پر سارے مشرقی یورپ، جنوبی امریکہ، ایشیا اور افریقہ کے بڑے حصوں پر پھیل گئی۔ ان کمیونسٹوں کے ایک ہاتھ میں نئے ٹینک اور مگ لڑاکا طیارے تھے اور دوسرے ہاتھ میں رائج نظرئے سے مختلف سوچ کی نمائندہ کتاب داس کپیتال تھی۔ پھر انہیں کوئی نہ روک سکا۔
} صنعتی انقلاب نے یورپ کو تھکا مارا۔ تھکانے سے زیادہ مارا۔ اس انقلاب کے نتیجہ میں سفاک قومیتوں کا تصور پیدا ہوا جس نے اکیس سال کے فصل سے ان ملکوں کو دو ایسی وحشتناک اور دہشتناک جنگوں کا شکار بنایا جن کے زخم فلموں اور کتابوں اور دماغوں میں آج بھی ہرے ہیں۔ کروڑوں بے گناہ انسانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ قومیتوں کا زہر پینے والے ان ملکوں میں سیاست کا فلسفہ کچھ بہت مثبت رخ نہ اختیار کر سکا، اگرچہ قوموں کے داخلی تضادات پر اتفاق رائے کا پردہ ڈالنے کے لئے نمائندہ اور جواب دہ حکومت کا تصور وہاں ضرور پیدا ہوا، کیونکہ سرمایہ دار طبقہ بادشاہ کی حکومت کو اتنا پابند کرنا لازم سمجھتا تھا کہ اس طبقہ کے بڑھتے ہوئے مال دولت پر بھاری ٹیکس عائد نہ کئے جا سکیں، اور جو ٹیکس عائد کئے جائیں ان کی منظوری میں ان سرمایہ داروں کے نمائندوں کی مرضی شامل ہو۔ اس سیاسی نظام کو جمہوریت کا نام دیا گیا مگر یورپ میں یہ نظام اپنے دور طفلی سے آگے نہ بڑھ سکا۔ یورپ کے وہ مجرم جنہیں جیلوں کی آبادی کم کرنے کے لئے شمالی امریکہ کے میدانوں میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا تھا یا اس نئی دنیا کے بے اندازہ قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے شوق میں عالی ہمت لوگوں کے جو غول وہاں آ کر آباد ہوئے انہوں نے مادر ملک کے سیاسی اور فکری دور طفلی سے بلند ہو کر ابتکاری فکر کے ایک نئے عہد جوانی میں قدم رکھا اور ایک مختلف، زیادہ منظم اور بدرجہا بہتر سیاسی طرز حکومت مرتب کر دیا، مگر اس کا نام وہی رکھا جو یورپ کے فلسفیوں نے طے کر دیا تھا۔ امریکہ متحدہ کی نظر ۱۷۷۶ میں آزادی کے بعد وسطی اور جنوبی امریکہ نیز کنیڈا کو اپنے ساتھ ہموار رکھنے پر مرکوز رہی۔ دوسری عالمی جنگ نے اس ملک کو باہر کی دنیا میں نکلنے کی راہ سجھائی۔ امریکہ نے اس جنگ میں برطانیہ اور فرانس کے دشمن یورپ کو فسطائیت کے خلاف ہمہ آزاد جمہوریت اور ہمہ آزاد معیشت کا تحفہ دیا۔ اس ملک نے سرمایہ داری کو بھی نئے معنیٰ دئے۔ جہاں مال کی ذخیرہ اندوزی بدستور جائز رہی وہاں فلسفیانہ اور معاشرتی اساس پر عام انسانوں کے حقوق کی وہ ضمانت دی جو بعض مقامات پر یورپ آج تک مہیا نہ کر سکا۔ چنانچہ ۸ دسمبر ۱۹۴۱ کے بعد سے اس نے پہلے توکمیونسٹ شہنشاہیت کے مقابلہ میں پورے مغربی یورپ، ترکی، عرب اور ایرانی بادشاہتوں، آدھے جنوبی ایشیا، آدھے جنوب مشرقی ایشیا، آدھے سے زیادہ جنوبی امریکہ پر بالواسطہ سیاسی تسلط حاصل کیا؛ اور کمیونسٹ شہنشاہیت کے خاتمہ کے بعد سارے مشرقی یورپ اور باقی خطوں پر سیاسی اور اقتصادی بالا دستی حاصل کر لی۔ گزشتہ ۱۸ سال سے یہ ملک اپنے حلیفوں کی مدد سے عراق، افغانستان، پاکستان میں قسطوں میں اپنا سیاسی اور اقتصادی نظام نافذ کرنے میں منہمک ہے۔ ان امریکیوں کے ایک ہاتھ میں کروز اور پیٹریاٹ مزائل، ایف ۱۷ اور ایف ۱۸سٹیلتھ اور ڈرون بمبار جہاز ہیں اور دوسرے ہاتھ میں امریکی آئین کا ابتکاری نظریہ اور کسنجر اور فوکویاما اور برزنسکی جیسے مفکروں کے مختلف تخلیقی فلسفے ہیں۔۔ پھر انہیں کوئی نہ روک سکا۔
پس کیا وہ لوگ جن کو عقل دی گئی ہے نہیں دیکھتے کہ سوا دو ہزار سال سے دنیا میں عروج، ترقی اور اقتدار حاصل کرنے والی قوموں کی مشترک اقدار کیا تھیں اور بدستور کیا ہیں، اور کیا وہ نہیں دیکھتے کہ اللہ کی سنت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی۔
٭
آیئے، اب کچھ ان سوالوں کے جواب پڑھیں جو اس مضمون میں اٹھا کر چھوڑ دئے گئے تھے۔
اس مضمون کا صفحہ۲ پھر کھولئے : وہاں لکھا ہے : بیکن اور فرینکلن نے اپنے مقولوں میں اصل ماخذ’’ کا کوئی حوالہ نہیں دیا۔ نہیں اس کی کوئی شکایت نہیں۔۔۔۔ شکایت نہ کرنے کا سبب بھی آگے سامنے آ جائے گا‘‘۔
ان دونوں نے نقل تو کی مگر عربوں، مسلمانوں کی ابتکاری، تخلیقی سوچ سے مرعوب نہیں ہوئے۔ انہوں نے قرآن کی ابتکاری، تخلیقی، مختلف سوچ کو اپنے قلم سے منسوب کر دیا۔ اور یوں ایک برتر سوچ اور تہذیب کے مقابلہ میں احساس کمتری کا شکار نہ ہوئے۔ اس سے ان میں اعتماد پیدا ہوا، انہوں نے کہا یہ سوچ جو مسلمانوں سے حاصل کی ہے وہ تو یورپی سوچ ہے۔ یونان میں اس کی جڑیں ہیں۔ پھر نشاۃ الثانیہ کا دور شروع ہوا۔ جس کا مطلب تھا پرانی زندگی سے نئی زندگی، نئی تخلیقی سوچ کے آغاز کا۔ ادیب و شاعر بھی اس نئی سوچ کے ہرکارے بنے۔ اگر آپ نے تھوڑی سی انگریزی پڑھی ہو تو کیٹس کی نظم ’’ اوڈ اون اے گریشئن ارن‘‘ (Ode on a Grecian Urn) پر ایک نظر ڈال لیجئے۔ گولڈن ٹریژری میں مل جائے گی۔ بہت طویل نظم نہیں ہے۔ اور دیکھئے کہ نیا یورپ مسلم سائنس کے مقابلہ میں احساس کمتری کا مارا ہوا نہیں تھا۔ وہ اپنے اس ماضی بعید کی تعریف و توصیف میں رطب اللسان تھا جو در حقیقت اس کا اپنا ماضی تھا ہی نہیں۔ اس کے باوجود وہاں کوئی یہ نہیں کہہ رہا تھا کہ یونانی تو بڑے ریشنل لوگ تھے اور ڈیڑھ ہزار سال سے یورپ نے کچھ کر کے نہیں دکھایا۔ اس مختلف یورپ کے تخلیقی مفکر نئے یورپ کو کچھ کر دکھانے کے لئے تیار کر رہے تھے۔ اور اس میں کامیاب ہوئے۔
اب پھر خود پر نظر ڈالئے۔ اردو، عربی، فارسی، ترکی، بہاسا، ہوسا کے ادب کو دیکھئے جہاں ادیب اور شاعر کبھی کمیونسٹ فکری ادب اور کبھی امریکی نژاد جدید ادب لکھ لکھ کر سمجھ رہا ہے بڑے تیر مارے۔ اور اردو میں ان سب نے میر، غالب، اقبال کو تین طلاقیں دیں تو کسی ابو سفیہہ کی پیشانی پر بل آیا نہ کسی نے ادب کی نئی تشریح کرنے کی بابت سوچا۔ سادہ زبان میں اس کو احساس کمتری کہتے ہیں۔
اسی صفحہ ۲ پرتو ایک جملہ اور لکھا تھا: ’’ آپ احساس کمتری کا شکار ہیں ‘‘۔ یہ گالی نہیں تھی۔ ایک بیان تھا۔ اب اگر اللہ نے بھلے برے کی تمیز کرنے والا دماغ دیا ہے تو ذرا غور کیجئے کہ آپ کے احساس کمتری کی جڑیں کہاں ہیں ؟بہت دور نہیں ہیں۔
اب اس مضمون کے صفحہ ۷ پر واپس جایئے۔ وہاں ایک جملہ لکھا تھا: ’’نشا ۃ الثانیہ نے انسانی تاریخ میں پہلی بار غیر مسلم یورپ کو نظریہ عطا کیا۔ اپنی اصل میں یہ نظریہ اسے مسلم ہسپانیہ سے ملا تھا، مگر فی الحال یہ موضوع نہیں ہے۔ اس پر بعد میں بات کریں گے ‘‘۔
تاریخی سچ تو یہ ہے کہ فرڈننڈ کی ملکہ ازابیلا کا نوکر، پاگل پادری زیمنیس، ہزاروں کتابیں مفتوحہ شہر کے اجڑے ہوئے مسلمانوں کے گھروں اور عوامی کتب خانوں سے اٹھوا کے روز رات کو غرناطہ کے چوک میں ان کے ڈھیر میں آگ لگوایا کرتا تھا۔ پھر شراب کے نشے میں دھت لوگوں کا ناچ گانا ہوتا تھا۔ زیمنیس اسے اچھی آگ (bon fire) کہا کرتا تھا۔ پھر کچھ لوگ تو اپنی زبان میں بون فائر کا لفظ شامل کر کے خوش ہوئے اور کچھ سمجھدار لوگ اپنی جانوں پر کھیل کر ان روز جلائی جانے والی کتابوں میں سے کچھ کتابیں چھپا کر یورپ کے دوسرے ملکوں میں لے گئے، ان کے ترجمے کئے، ان کے لکھنے والوں کے ناموں کے تلفظات کو ایسے بگاڑا کہ بادی النظر میں وہ مسلمان کے بجائے یورپی لوگ لگیں : ابن رشد ایوروس (Averroes)بن گیا، ابوبکر رازی رھیزز (Rhazes)کہلایا، ابن باجہ ایومپاج(Avempace) ہو گیا، بو علی سنیا کو ایویسینا(Avicenna)کہا گیا۔ یوں جدید یورپی ان مسلم علوم و افکار کے قیدی بننے کے بجائے ان کو یورپیا نے میں کامیاب ہو گئے۔ ان حرکتوں کا مقصد وہی تھا: یورپ مسلمانوں کے مقابل احساس کمتری کا شکار نہ ہو اور پھر ا پنے ابتکاری، تخلیقی جوہر دکھائے۔ یورپی اس میں کامیاب رہا۔
تو جب مسلمانوں کے دور عروج کی داستانیں پڑھو اور لکھو تو اس پر بغلیں بھی مت بجاؤ، اور اسے ایک اتفاقی ریشنلزم، عقلیت، کا حادثہ بھی نہ قرار دو، بلکہ یہ دیکھنے کی کوشش کرو کہ کیا وہ مسلمان دنیا میں کسی سے مرعوب تھے، کسی کے سامنے ہماری طرح احساس کمتری کا شکار تھے ؟
اور تجزیہ کی جو صلاحیت آپ کو حاصل ہے اسے مولوی پر الزام تراشی، قرآن کی اپنی ذاتی تفسیر، اسلام کی مغربیائی ہوئی نئی تشریح و تعبیر کی بے فیض اور بچکانہ بحثوں پر ضائع کرنے کے بجائے اپنی ذات پر مرکوز کیجئے اور جب کبھی مکمل تنہائی ملے، ذہن مکمل طور پر ٹھنڈا، یکسو اور پر سکون ہو تو ذرا دیر بیٹھ کر یہ سوچئے کہ ہم مسلمانوں میں اوروں کے مقابلہ میں یہ احساس کمتری کہاں سے آ گیا، کس نے پیدا کر دیا، کیوں پیدا کر دیا۔ ہم کو ڈیڑھ دو سو برس ہو گئے علوم و افکار میں مغرب کی نقالی کرتے ہوئے، مگر پھر جہاں سے چلے تھے اس سے ایک قدم آگے نہیں بڑھے تو آخر کیوں ؟
کچھ یاد آیا؟ میں نے یکتا یکتا ۰۱۵ کے صفحہ ۵ پر ترکی کی وزارت خارجہ کے افسر اعلیٰ کیاتوپیری سے ایک سوال کیا تھا:
’’کم و بیش ایک ہی وقت میں دو انقلاب آئے۔ چھ دہائیوں میں سوویت یونئن سپر پ اور بن گیا۔ ترکی کہاں ہے ؟‘‘
وہاں اس سوال کا جواب مضمون پڑھنے والوں کی سوچ پر چھوڑ دیا تھا۔ کیا اس سوال کا جواب یہ مضمون پڑھنے کے بعد ملا آپ کو؟
تو کھلی آنکھوں دیکھئے اور سوچئے :آپ ناسا میں بیٹھ کر خلائی امور پر ایجادی کام کر رہے ہیں، آپ کسی برطانوی فارمسیوٹیکل کمپنی میں ادویات پر تحقیقات کر کے دواؤں کی تاثیر میں اضافہ کر رہے ہیں، آپ آسٹریلیا کی کسی یونیورسٹی میں اقتصادیات پر کتاب لکھ رہے ہیں، آپ فرانس میں بیٹھ کر مغربی افکار کا ’’منصفانہ‘‘ جائزہ لے رہے ہیں، آپ جرمنی میں نئی کاروں کے ایرو ڈائنامکس پر نظریات قائم کر رہے ہیں، آپ اس قسم کے ہزاروں کام روز کرتے ہیں مگر کہیں آپ کا نام نہیں آتا۔ آپ کی اس محنت کا کچھ پھل مسلمانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کے عنوان سے نہیں ملتا۔ آپ کو کوئی نہیں جانتا۔ تو بھلا کیوں ؟
اس لئے کہ اس سارے کام پر آپ کا کوئی حق نہیں ہے۔ کام تو اُس کاہے جس کے پاس کیا جا رہا ہے۔ بمبئی میں ایک آرٹسٹ تھے، ظفر (بھوپالی)۔ ان کے پاس ایک نوجوان آرٹسٹ نے کام شروع کیا۔ کسی کتاب کا سرورق بنایا تو بطور مصور اس پر اپنا نام لکھ دیا۔ ظفر آرٹسٹ نے کہا:نہیں۔ اگرچہ سرورق آپ نے بنایا ہے، مگر یہ میرے نگار خانہ میں بنا ہے اس لئے اس پر میرا نام لکھا جائے گا۔ بمبئی ہی میں ایک زمانے میں نئی فلموں کے دو منزلہ اونچے جہازی ہورڈنگ پینٹ کر والا ایک بہت بڑا سٹوڈیو تھا۔ اس کا نام تھا ایلورا(Ellora) اس میں بیسیوں پینٹر کام کرتے تھے۔ مگر کسی ہورڈنگ پر کسی پینٹر کا نام نہیں ہوتا تھا، ہر ہورڈنگ کے نچلے حصہ میں صرف ایلورا لکھا جاتا تھا۔
بات سمجھ میں آئی؟
اگر آ گئی تو میری بات مکمل ہوئی۔
اگر اب بھی سمجھ میں نہیں آیا تو، اے اللہ، دے اور دماغ ان کو جو نہ دے مجھ کو زبان اور ۔
٭٭٭

تشکر: مصنف، جنہوں نے اجازت مرحمت فرمائی اور رضیہ مشکور، اور یاہو اردو گروپ علی گڑھ اردو کلب کی ماڈریٹر
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

نکتگو