دین و مذہب

نماز سے متعلق اہم فتاوے

آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (20,155 الفاظ)

نماز سے متعلق اہم فتاوےٰ (ماخوذ از: فتاویٰ ارکان اسلام )

فتاوی مہمۃ تتعلق بالصّلاۃ (مقتبسة من فتاوی أرکان الإسلام)
(باللغۃ الأردیة)

تالیف
سماحۃ الشیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن بازؒ
سابق مفتی اعظم سعودی عرب
جمع و ترتیب
محمد بن شایع بن عبد العزیز الشایع حفظہ اللہ
ترجمة
ابوالمکرم بن عبد الجلیلؒ ۔ عتیق الرحمن اثری حفظہ اللہ
مراجعة (نظرثانى)
شفیق الرحمن ضیا ءاللہ مدنی

نشر و اشاعت
دفتر تعاون برائے دعوت و ارشاد (شعبہ بیرونی شہربان)
سلطانہ ۔ ریاض ۔ سعودی عرب

الناشر
المکتب التعاونی للدعوة والإرشاد وتوعیة الجالیات بسلطانة
الریاض المملکة العربیة السعودیة

http://Islamhouse.com

سوال 1 :

بعض مقامات پرلمبی مدت تک کبھی لگاتار دن اور کبھی لگاتار رات ہی رہتی ہے، اور کہیں رات اور دن اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ پانچوں نمازوں کے اوقات کے لئے کافی ہی نہیں ہوتے، ایسے ملکوں کے باشندے نماز کس طرح ادا کریں ؟

جواب :

وہ مقامات جہاں رات یا دن کی یہ کیفیت ہو، نیزچوبیس گھنٹے میں وہاں زوال و غروب کا نظام نہ ہو، وہاں کے باشندوں کو اپنی پنجوقتہ نمازیں اندازہ سے ادا کرنا ہو گا۔ چنانچہ صحیح مسلم میں نواس بن سمعانؓ سے روایت ہے کہ نبیؐ نے ارشاد فرمایا :

"ظہور دجال کے وقت پہلا دن ایک سال، دوسرادن ایک ماہ، اور تیسرادن ایک ہفتہ کے برابر ہو گا، اور جب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے دریافت کیا تو آپ نے فرمایا : "ایک ایک دن کا اندازہ کر لیا کرنا"
رہے وہ مقامات جہاں رات کا بڑا یا چھوٹا ہونا چوبیس گھنٹے کے اندر ہوتا ہے تو وہاں نماز کی ادائیگی میں کوئی اشکال نہیں، عام دنوں کی طرح ان میں بھی نماز ادا کی جائے گی، خواہ رات یا دن انتہائی چھوٹے ہی کیوں نہ ہوں۔ کیونکہ اس سلسلہ میں جو دلیلیں وارد ہیں وہ عام ہیں، واللہ ولی التوفیق۔

سوال 2 :

بعض لوگ فرض نمازیں اور خصوصاً ایام حج میں بحالت احرام کندھے کھول کر پڑھتے ہیں، ایساکرنا کہاں تک درست ہے ؟

جواب :

اگرانسان عاجز و مجبور ہے تو کوئی حرج نہیں، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
فَاتَّقُوا اللہِ مَا اسْتَطَعْتُمْ (16) سورة التغابن
اپنی طاقت کے مطابق اللہ سے ڈرتے رہو۔
اور نبیؐ نے جابرؓ بن عبد اللہ سے فرمایا :
"اگر کپڑا کشادہ ہو تو اسے اوڑھ لو، اور اگر تنگ ہو تو اس کا ازار بنا لو"(متفق علیہ)
لیکن اگر وہ دونوں یا ایک کندھے کو ڈھانکنے پر قادر ہے، تو علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق ڈھانکنا ضروری ہے، اور اگر نہیں ڈھانکا تو اس کی نماز درست نہیں ہو گی۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"تم میں سے کوئی شخص ایک کپڑے میں اس طرح نماز نہ پڑھے کہ اس کا کندھا کھلا ہوا ہو "(متفق علیہ) واللہ ولی التوفیق۔

سوال 3 :

بعض لوگ نماز فجر اتنی تاخیرسے پڑھتے ہیں کہ بالکل اجالا ہو جاتا ہے، اور دلیل میں یہ حدیث پیش کرتے ہیں " نماز فجر اجالا ہو جانے پر پڑھو، یہ اجر عظیم کا باعث ہے " کیا یہ حدیث صحیح ہے ؟ نیز اس حدیث کے درمیان اور اس حدیث کے درمیان جس میں اول وقت میں نماز پڑھنے کا حکم ہے، تطبیق کی کیا صورت ہو گی ؟

جواب :

مذکورہ بالا حدیث صحیح ہے جومسند احمد اور سنن اربعہ میں بروایت رافع بن خدیجؓ سے مروی ہے۔ یہ حدیث نہ تو ان احادیث صحیحہ کے معارض ہے جن میں نبیؐ کے غلس (اندھیرے ) میں نماز پڑھنے کا ذکر ہے، اور نہ ہی اس حدیث کے مخالف ہے جس میں اول وقت پر نماز پڑھنے کا حکم ہے۔ بلکہ جمہور اہل علم کے نزدیک اس کا صحیح مفہوم یہ ہے کہ نماز فجر میں اتنی تاخیر کی جائے کہ فجر واضح ہو جائے اور پھر غلس (اندھیرے ) کے زائل ہونے سے پہلے پہلے پڑھ لی جائے، جیساکہ آپ کا معمول تھا۔ البتہ مزدلفہ میں فجر طلوع ہوتے ہی پڑھنا افضل ہے، کیونکہ حجۃ الوداع کے موقع پر آپ نے ایسا ہی کیا تھا۔
اس طرح نماز فجر کے وقت کے سلسلہ میں وارد تمام حدیثوں کے درمیان تطبیق ہو جاتی ہے۔ نیز یہ اختلاف محض افضلیت میں ہے، ورنہ نماز فجر کو آخر وقت تک موخر کرنا بھی جائز ہے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"نماز فجر کا وقت طلوع فجرسے لیکر سورج طلوع ہونے تک ہے "(صحیح مسلم بروایت عبد اللہ بن عمرو بن العاصؓ)

سوال 4 :

دیکھا جاتا ہے کہ بعض لوگ قمیص چھوٹی اور پاجامے لمبے رکھتے ہیں، اس بارے میں آپ کا کیا خیال ہے ؟

جواب :

سنت یہ ہے کہ سارے لباس نصف پنڈلی سے دونوں ٹخنوں کے درمیان تک ہی رکھے جائیں، ٹخنوں سے نیچے ان کا لٹکنا جائز نہیں۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"ازار کا جو حصہ ٹخنوں سے نیچے ہو گا وہ جہنم میں ہو گا" (صحیح بخاری )
اور یہی حکم تمام لباسوں کا ہے خواہ ازار ہو یا پاجامہ، قمیص ہویا جبہ، اور حدیث میں ازار کا ذکر بطور مثال ہے، اس سے تخصیص مقصود نہیں۔ مگر افضل یہ ہے کہ سارے لباس نصف پنڈلی تک ہی رکھے جائیں۔ جیسا کہ نبیؐ کا ارشاد ہے :" مومن کا ازار نصف پنڈلی تک ہوتا ہے "

سوال 5 :

اگر پتہ چل جائے کہ تلاش وجستجو کے بعد بھی نماز غیر قبلہ کی جانب پڑھی گئی ہے تو ایسی نماز کا کیا حکم ہے ؟ نیز یہی مسئلہ اگر مسلم ملک میں یا کافر ملک میں یا صحراء میں پیش آ جائے تو کیا ہر ایک کا حکم جدا جدا ہے ؟

جواب :

اگر کوئی شخص سفرمیں ہے، یا ایسے ملک میں ہے جہاں اسے قبلہ کی رہنمائی کرنے والا کوئی نہیں، پھر اس نے قبلہ کی تلاش وجستجو کر کے نماز پڑھ لی اور بعد میں معلوم ہوا کہ اس نے قبلہ سے ہٹ کر نماز پڑھی ہے تو اس کی نماز صحیح ہے۔ لیکن اگر وہ مسلم ملک میں ہے جہاں وہ لوگوں سے پوچھ کریا مسجدوں کے رخ کو دیکھ کر قبلہ معلوم کرسکتا ہے تو وہاں اس کی نماز درست نہیں ہو گی۔

سوال 6 :

بہت سے لوگ نماز شروع کرتے وقت زبان سے نیت کرتے ہیں، اس کا کیا حکم ہے ؟ اور کیا شریعت میں اس کی کوئی اصل ہے ؟
جواب :
زبان سے نیت کرنے کیلئے شریعت مطہرہ میں کوئی دلیل نہیں، نبیؐ اور آپ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے نماز شروع کرتے وقت زبان سے نیت کرنا ثابت نہیں۔ درحقیقت نیت کی جگہ دل ہے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
" اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے، اور ہر شخص کے لئے وہی ہے جو اس نے نیت کی ہے "( متفق علیہ بروایت امیرالمومنین عمر بن الخطابؓ)

سوال 7 :

دیکھا جاتا ہے کہ بعض لوگ حطیم میں نماز پڑھنے کے لئے کافی بھیڑ بھاڑ کرتے ہیں، سوال یہ ہے کہ حطیم میں نماز پڑھنا کیسا ہے ؟ اور کیا اس کی کوئی فضیلت ہے ؟

جواب :

حطیم خانہ کعبہ ہی کا حصہ ہے اور اس میں نماز پڑھنا مستحب ہے۔ جیسا کہ نبی کریمؐ سے ثابت ہے :
"آپ فتح مکہ کے موقع پر خانہ کعبہ میں داخل ہوئے اور اس میں دو رکعت نماز ادا فرمائی " ( متفق علیہ، بروایت ابن عمرو بلال رضی اللہ عنہم)
نیز جب عائشہ رضی اللہ عنہا نے خانہ کعبہ میں داخل ہونے کی رغبت ظاہر کی تو آپ نے ان سے فرمایا :
"حطیم میں نماز پڑھ لو، یہ بھی خانہ کعبہ کا حصہ ہے "
یہ حکم نفل نمازوں کا ہے۔ فرض نمازوں کے لئے احتیاط اسی میں ہے کہ انہیں خانہ کعبہ یا حطیم میں نہ ادا کیا جائے، کیونکہ نبیؐ سے یہ عمل ثابت نہیں۔ نیز بعض علماء کا یہ قول ہے کہ خانہ کعبہ کے اندر، اور چونکہ حطیم خانہ کعبہ ہی کا حصہ ہے اس لئے حطیم میں بھی فرض نماز ادا کرنا درست نہیں۔ پس معلوم ہوا کہ علماء کے اختلاف سے بچ کر سنت کی اتباع کرتے ہوئے فرض نمازوں کا خانہ کعبہ اور حطیم کے باہر ہی ادا کرنا مشروع ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 8 :

بعض عورتیں حیض اور استحاضہ کے درمیان فرق نہیں کرتیں، چنانچہ بسا اوقات استحاضہ کی وجہ سے لگاتار خون جاری رہتا ہے اور جب تک خون بند نہیں ہو جاتا وہ نماز نہیں پڑھتیں، اس سلسلہ میں شریعت کا کیا حکم ہے ؟

جواب :

حیض وہ خون ہے جو عموماً ہر ماہ دستورالٰہی کے مطابق عورتوں کے رحم سے جاری ہوتا ہے، جیساکہ رسول اللہؐ کی صحیح حدیث میں مذکور ہے (اوراستحاضہ وہ خون ہے جو عورت کے رحم کے اندرکسی رگ میں فساد و خلل پیدا ہو جانے سے جاری ہوتا ہے ) اس سلسلہ میں مستحاضہ عورت کی تین حالتیں ہیں :
1۔اگراسے پہلی بار یہ خون آیا ہے یعنی پہلے سے اس کی کوئی اپنی عادت نہیں، تو وہ ہر مہینہ میں پندرہ دن، یا جمہور علماء کے قول کے مطابق اس سے کچھ کم، جب تک پاک نہیں ہو جاتی نماز ، روزہ اور شوہر کے ساتھ ہمبستری سے دور رہے گی۔ اگر پندرہ دن کے بعد بھی خون آ رہا ہے تو وہ مستحاضہ ہے، اور ایسی حالت میں اپنے خاندان کی ہم عمر عورتوں کے ایام حیض پرقیاس کر کے چھ یا سات دن خود کو حائضہ شمار کرے گی۔ مگر یہ اس صورت میں ہے جب اسے حیض اور استحاضہ کے درمیان تمیز نہ ہو۔
2۔اگر وہ حیض اور استحاضہ کے درمیان رنگ یا بو کے ذریعہ فرق کر لیتی ہے تو جب تک حیض کے خون کی علامت پائی جائے وہ نماز ، روزہ اور شوہر کے ساتھ ہمبستری سے دور رہے اور پھرغسل کر کے نماز پڑھنا شروع کر دے، بشرطیکہ یہ مدت پندرہ دن سے زیادہ نہ ہو۔
3۔اگر پہلے سے اس کی کوئی اپنی معروف عادت ہے تو وہ اپنی عادت کے بقدر نماز ، روزہ اور شوہر کے ساتھ ہمبستری سے دور رہنے کے بعد غسل کر لے اور جب خون جاری ہو تو وقت ہو جانے کے بعد ہر نماز کے لئے وضو کرے، اور جب تک اگلے مہینہ کا حیض نہیں آ جاتا وہ اپنے شوہر کے لئے حلال ہو گی۔
یہ ہے مستحاضہ عورت کے سلسلہ میں وارد حدیثوں کا خلاصہ، جسے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بلوغ المرام میں ارومجد بن تیمیہ رحمہ اللہ نے "المنتقى" میں ذکر کیا ہے۔

سوال 9 :

ایک شخص کی ظہر کی نماز فوت ہو گئی اور اسے اس وقت یاد آیا جب نماز عصر کے لئے اقامت ہو چکی، کیا وہ عصر کی نیت سے جماعت میں شامل ہویا ظہر کی نیت سے ؟ یا پہلے تنہا ظہر پڑھے پھر عصر پڑھے ؟ نیز فقہائے کرام کے اس قول کا کیا مطلب ہے :"موجودہ نماز کے فوت ہونے کا اندیشہ ہو تو ترتیب ساقط ہو جاتی ہے " اور کیا جماعت کے فوت ہونے کا اندیشہ ہو تو ترتیب ساقط ہو گی؟

جواب :

سوال میں مذکور شخص کے لئے مشروع یہ ہے کہ وہ ظہر کی نیت سے جماعت میں شامل ہو جائے، پھراسکے بعد عصر کی نماز پڑھے کیونکہ ترتیب واجب ہے۔ اور جماعت کے فوت ہونے کے اندیشہ سے ترتیب ساقط نہیں ہو گی۔ رہا فقہائے کرام کا مذکورہ بالا قول، تواس کا مطلب یہ ہے کہ اگرکسی شخص کی کوئی نماز چھوٹی ہوئی ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ اسے موجود ہ نماز سے پہلے پڑھے۔ لیکن اگر موجودہ نماز کا وقت تنگ ہے تو پہلے موجودہ نماز ہی پڑھے۔ مثلاً اس کی عشاء کی نماز چھوٹی ہوئی ہے اور اسے طلوع آفتاب سے کچھ پہلے یاد آیا، جبکہ اس دن کی فجر بھی اس نے نہیں پڑھی ہے، تو ایسی صورت میں وقت فوت ہونے سے پہلے پہلے وہ نماز فجر ادا کر لے، کیونکہ وقت اسی کا ہے، پھر عشاء پڑھے۔

سوال 10 :

بہت سی عورتیں لاپرواہی سے نماز میں اپنے دونوں بازو یا ان کا کچھ حصہ اور کبھی پاؤں اور پنڈلی کا کچھ حصہ کھلا رکھتی ہیں، کیا ایسی حالت میں ان کی نماز درست ہے؟

جواب :

مکلف اور آزاد عورت کیلئے نماز میں دونوں ہتھیلیوں اور چہرہ کے علاوہ سارے بدن کا ڈھانکنا ضروری ہے، کیونکہ عورت سراپا پردہ ہے۔ اگر وہ اپنے جسم کا کوئی حصہ مثلاً پنڈلی، پاؤں اور سروغیرہ کھول کر نماز پڑھے تواس کی نماز صحیح نہیں ہو گی، نبی ؐ کا ارشاد ہے :
"اللہ کسی بالغ عورت کی نماز دوپٹہ کے بغیر قبول نہیں فرماتا"(اس حدیث کو امام احمد، ترمذی، ابوداؤد اور ابن ماجہ نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے )
اور آپؐ کا ارشاد بھی ہے :
"عورت سراپا پردہ ہے "
نیزسنن ابی داؤد میں ہے کہ ایک موقع پر ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے نبی ؐسے دریافت کیا :کیا عورت بغیر ازار کے قمیص اور دوپٹہ میں نماز پڑھ سکتی ہے ؟ تو آپ نے فرمایا :"ہاں، بشرطیکہ قمیص اتنی لمبی ہو کہ اس سے دونوں پاؤں ڈھکے ہوئے ہوں "
حافظ ابن حجر۔رحمہ اللہ بلوغ المرام میں فرماتے ہیں کہ ائمہ نے اس حدیث کو ام سلمہ رضی اللہ عنہا پر موقوف ہونا صحیح قرار دیا ہے ۔
اور اگر عورت کے قریب میں کوئی اجنبی مرد ہو تو چہرہ اور ہتھیلیوں کا ڈھانکنا بھی ضروری ہے ۔

سوال 11 :

عورت اگر عصر یا عشاء کے وقت حیض سے پاک ہو تو کیا اسے عصر کے ساتھ ظہر اور عشاء کے ساتھ مغرب کی نمازیں بھی پڑھنا ہو گا، کیونکہ بحالت عذر ان نمازوں کے درمیان جمع کیا جاتا ہے ؟

جواب :

عورت اگر عصر یا عشاء کے وقت حیض یانفاس سے پاک ہو تو علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق اسے عصر کے ساتھ ظہر اور عشاء کے ساتھ مغرب کی نماز بھی ادا کرنا ضروری ہے، کیونکہ دیرسے پاکی حاصل ہونے کی وجہ سے یہ بھی مسافراورمریض کی طرح معذور ہے۔ اور معذور کیلئے دونوں نمازوں کا وقت ایک ہے۔ صحابۂ کرام کی ایک جماعت کا یہی فتویٰ ہے ۔

سوال 12 :

جس مسجد کے اندر، یا اس کے صحن میں، یا قبلہ کی جانب کوئی قبرہواس میں نماز پڑھنا کیسا ہے ؟

جواب :

جس مسجد میں کوئی قبر ہو اس میں نماز پڑھنا درست نہیں۔ خواہ وہ قبر نماز یوں کے آگے ہو یا پیچھے، دائیں ہو یا بائیں، نبیؐ کا ارشاد ہے :
" یہود و نصاریٰ پر اللہ کی لعنت ہو، انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا "(متفق علیہ)
ایک دوسری حدیث میں آپ نے ارشاد فرمایا :
" سنو! تم سے پہلے کے لوگ اپنے نبیوں اور بزرگوں کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیتے تھے، خبردار! تم قبروں کو سجدہ گاہ نہ بنانا۔ میں تمہیں اس سے منع کرتا ہوں " (صحیح مسلم)
نیز قبر کے پاس نماز پڑھنا شرک اور مردوں کے حق میں غلو کا سبب ہے۔ لہذا مذکورہ بالا دونوں حدیثوں اور اس مفہوم کی دیگر احادیث پر عمل کرتے ہوئے اور شرک کے اسباب ووسائل کا سدباب کرنے کی خاطراس کی ممانعت ضروری ہے۔

سوال 13 :

بہت سے مزدور ظہر اور عصر کی نمازیں موخر کر کے رات میں پڑھتے ہیں، اور یہ عذر پیش کرتے ہیں کہ وہ کام میں مشغول تھے ان کے کپڑے ناپاک یا میلے تھے۔ آپ انہیں اس سلسلہ میں کیا نصیحت فرماتے ہیں ؟

جواب :

کسی مسلمان کے لئے خواہ مرد ہویا عورت، فرض نماز کو وقت سے موخر کرنا جائز نہیں، بلکہ بقدراستطاعت وقت پر ادا کرنا واجب ہے۔ کام کی مصروفیت یا کپڑوں کا ناپاک یا میلا ہونا نماز میں تاخیر کے لئے کوئی عذر نہیں۔ نیز نماز کے اوقات کو کام کے اوقات سے مستثنى رکھنا ضروری ہے۔ نماز کے اوقات میں کام کرنے والوں کو چاہئیے کہ کپڑوں کی نجاست دور کر کے، یا پاک کپڑے بدل کر نماز ادا کر لیں۔ رہا کپڑوں کا میلا ہونا، تو یہ نماز سے مانع نہیں، بشرطیکہ یہ نجاست کے قبیل سے نہ ہو، یا اس میں کوئی ایسی بدبو نہ ہو جس سے نماز یوں کو تکلیف پہنچے۔ لیکن اگر میل کچیل سے یا اس کی بدبو سے نماز یوں کو تکلیف پہنچتی ہے تواسے دھل کر یا صاف ستھرے کپڑے بدل کر جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنا واجب ہے۔ البتہ مسافراورمریض جو شرعی طور پر معذور ہیں ان کے لئے ظہر و عصر کو ایک ساتھ، اور مغرب و عشاء کو ایک ساتھ جمع کر کے پڑھنا جائز ہے۔ جیسا کہ نبیؐ کی سنت ہے، اور ایسے ہی اگر بارش اور کیچڑ لوگوں کے لیے مشقت کا باعث ہوں تب بھی جمع کرنا جائز ہے۔


سوال 14 :

جو شخص نماز سے سلام پھیرنے کے بعد اپنے کپڑوں میں نجاست پائے تو کیا اسے نماز دہرانا ہو گی؟

جواب :
اگرکسی شخص نے نادانستہ طورپرجسم یا پوشاک کی نجاست کے ساتھ نماز ادا کر لی اور اسے اس کا علم نماز سے فارغ ہونے کے بعد ہوا، تو علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق اس کی نماز صحیح ہے۔ اسی طرح اگر اسے نماز سے قبل نجاست کا علم تھا مگر نماز کے وقت بھول گیا اور نماز کے بعد یاد آیا تب بھی اس کی نماز درست ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے :
رَبَّنَا لاَ تُؤَاخِذْنَا إِن نَّسِینَا أَوْ أَخْطَأْنَا (286) سورة البقرة
اے ہمارے رب ! ہم اگر بھول گئے یا غلطی کر بیٹھے تو ہماری گرفت نہ فرما ۔ اور صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جواب میں فرمایا :" میں نے قبول کر لیا"
نیز ایک باررسولؐ نے جوتوں میں نماز شروع کی، اتفاق سے جوتے میں گندگی لگی تھی، جبرئیل علیہ السلام نے جب آپ کو آگاہ کیا تو آپ نے جوتوں کو نکال کر اپنی نماز جاری رکھی اور نئے سرے سے نماز کا اعادہ نہیں کیا۔ یہ اللہ کی طرف سے بندوں کے لئے آسانی اور رحمت ہے۔ مگرجس نے بھول کر بے وضو نماز ادا کر لی اسے اہل علم کے اجماع کے مطابق نماز دہرانا ہو گی۔ نبی کریمؐ کا ارشاد ہے :
"بغیر وضو نہ تو کوئی نماز قبول ہوتی ہے اور نہ خیانت کے مال کا کوئی صدقہ"
(صحیح مسلم)
ایک دوسری حدیث میں آپ کا ارشاد ہے :
"تم میں سے اگرکسی شخص کا وضو ٹوٹ جائے تو جب تک وہ دوبارہ وضو نہ کر لے اس کی نماز قبول نہیں ہوتی"(متفق علیہ )۔

سوال15 :

موجودہ دور میں بہت سے لوگ نماز کی ادائیگی میں سستی برتتے ہیں، اور بعض توایسے ہیں جو بالکل پڑھتے ہی نہیں، ایسے لوگوں کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے ؟ نیز ان لوگوں کے تعلق سے ایک مسلمان اور خصوصاً اس کے والدین، اہل و عیال اور دیگر عزیز و اقارب پرکیا ذمہ داری عائد ہوتی ہے ؟

جواب :

نماز میں سستی برتنا بہت بڑا گناہ نیز منافقوں کی خصلت ہے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
إِنَّ الْمُنَافِقِینَ یخَادِعُونَ اللّہَ وَہُوَ خَادِعُہُمْ وَإِذَا قَامُواْ إِلَى الصَّلاَة قَامُواْ کسَالَى یرَآؤُونَ النَّاسَ وَلاَ یذْکرُونَ اللّہَ إِلاَّ قَلِیلاً (142) سورة النساء
بے شک منافق اللہ کے ساتھ دھوکہ بازی کرتے ہیں، حالانکہ اللہ نے ہی انہیں دھوکہ میں ڈال رکھا ہے، اور جب یہ نماز کے لئے کھڑے ہوتے ہیں توالساتے ہوئے، لوگوں کو دکھاتے ہیں، اور یہ اللہ کو کم ہی یاد کرتے ہیں۔
نیز منافقین کی صفات بیان کرتے ہوئے فرمایا :
وَمَا مَنَعَہُمْ أَن تُقْبَلَ مِنْہُمْ نَفَقَاتُہُمْ إِلاَّ أَنَّہُمْ کفَرُواْ بِاللّہِ وَبِرَسُولِہِ وَلاَ یأْتُونَ الصَّلاَۃِ إِلاَّ وَہُمْ کسَالَی وَلاَ ینفِقُونَ إِلاَّ وَہُمْ کارِہُونَ (54) سورة التوبة
اور ان کی طرف سے ان کی خیرات کے قبول نہ ہونے کی وجہ یہی ہے کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ کفر کیا، اور یہ نماز کے لئے نہیں آتے مگرالساتے ہوئے، اور اللہ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں تو برے دل سے۔
نیز نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
" منافقوں پرسب سے گراں عشاء اور فجر کی نماز ہے، اور اگر انہیں ان کے اجر و ثواب کا علم ہو جائے تو کبھی پیچھے نہ رہیں گے، چاہے سرین کے بل گھسٹ کر ہی کیوں نہ آنا پڑے " (متفق علیہ)
لہذا ہرمسلمان مرد و عورت پرسکون و اطمینان، خشوع و خضوع اور حضور قلب کے ساتھ وقت پر پنج وقتہ نمازوں کی ادائیگی واجب ہے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ الَّذِینَ ہُمْ فِی صَلَاتِہِمْ خَاشِعُونَ (1۔2) سورة المؤمنون
فلا ح یاب ہو گئے وہ مومن جو اپنی نماز میں خشوع برتتے ہیں
اور صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ جب ایک نابینا صحابی نے اپنی نماز غلط طریقے سے ادا کی اور اس میں اطمینان وسکون ملحوظ نہیں رکھا تو آپ نے انہیں نماز دہرانے کا حکم دیا۔
مردوں کے لئے خاص طورپرمسجد میں مسلمانوں کے ساتھ با جماعت نماز ادا کرنا ضروری ہے، جیسا کہ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"جو شخص اذان سن کر بلا عذر مسجد نہ آئے اس کی نماز درست نہیں "(اسے ابن ماجہ، دارقطنی، ابن حبان اور حاکم نے بسند صحیح روایت کیا ہے )۔
اور جب عبد اللہ بن عباسؓ سے دریافت کیا گیا کہ عذر کیا ہے ؟ تو فرمایا ":خوف یا بیماری"
اسی طرح صحیح مسلم میں ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ ایک نابینا صحابی نبیؐ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول ! مجھے مسجد لے جانے والا کوئی نہیں، تو کیا میرے لئے اجازت ہے کہ اپنے گھر ہی میں نماز پڑھ لیا کروں ؟ آپ نے انہیں اجازت دے دی، مگر جب وہ واپس چلے تو پھر انہیں بلایا اور پوچھا :"کیا تم اذان سنتے ہو ؟جواب دیا :ہاں، آپ نے فرمایا :"پھرتومسجد میں آ کر ہی نماز پڑھو"۔
نیز ابو ہریرہؓ ہی سے ایک دوسری روایت ہے کہ نبیؐ نے ارشاد فرمایا :

"میں نے ارادہ کیا کہ حکم دوں اور نماز قائم کی جائے اور کسی شخص کو مقرر کر دوں جو لوگوں کو نماز پڑھائے۔ پھر میں کچھ لوگوں کو لے کر جن کے ساتھ لکڑیوں کے گٹھے ہوں ان لوگوں کے پاس جاؤں جو جماعت میں حاضر نہیں ہوتے، اور ان کے ساتھ ان کے گھروں کو آگ لگا دوں "(متفق علیہ)
مذکورہ بالا احادیث صحیحہ سے معلوم ہوتا ہے کہ نماز با جماعت مردوں کے حق میں واجب ہے، اور جماعت سے پیچھے رہنے والا عبرتناک سزاکامستحق ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کے حالات درست فرمائے اور اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق دے۔ (آمین)
رہا سرے سے نماز ہی چھوڑ دینا، چاہے کبھی کبھار ہی کیوں نہ ہو، تو علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق یہ کفر اکبر ہے بھلے ہی وہ نماز کے وجوب کا منکر نہ ہو۔ اور اس حکم میں مرد و عورت دونوں یکساں ہیں۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"آدمی اور کفر و شرک کے درمیان نماز چھوڑنے کا فرق ہے "(صحیح مسلم)
ایک دوسری حدیث میں آپ نے ارشاد فرمایا :
" ہمارے اور ان(کافروں ) کے درمیان نماز کا فرق ہے، توجس نے نماز چھوڑ دی اس نے کفر کیا " (اس حدیث کو امام احمد اور ائمہ سنن نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔ )
نیز اس مفہوم کی اور بھی بہت سی حدیثیں وارد ہیں۔
مگر جو شخص نماز کے وجوب کا منکر ہو بھلے ہی وہ نماز پڑھتا ہو، تو اہل علم کے اجماع کے مطابق وہ کافر ہے ۔ اللہ تعالی ہمیں اور تمام مسلمانوں کو اس بری خصلت سے محفوظ رکھے۔ (آمین)
تمام مسلمانوں کیلئے باہم حق بات کی نصیحت کرنا نیز نیکی اور تقوٰیٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون کرنا ضروری ہے۔ چنانچہ جو شخص نماز سے پیچھے رہتا، یا نماز میں سستی کرتا، بعض اوقات بالکل نماز پڑھتا ہی نہ ہو اسے اللہ کے غضب و عقاب سے ڈرنا چاہئے۔ خصوصاً اس کے ماں، باپ، بھائی، بہن، اور گھر والوں کو اسے برابر نصیحت کرتے رہنا چاہئے، یہاں تک کہ وہ راہ راست پر آ جائے۔ ایسے ہی اگر عورتیں نماز میں سستی کریں یا چھوڑ دیں، تو انہیں بھی نصیحت کرتے ہوئے اللہ کی ناراضگی اور اس کے عقاب سے ڈرانا چاہئے۔ بلکہ نصیحت نہ قبول کرنے کی صورت میں ان کا بائیکاٹ کرنا اور ان کے ساتھ مناسب تادیبی کارروائی کرنا بھی ضروری ہے، کیونکہ یہی باہمی تعاون اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا تقاضا ہے جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر واجب قرار دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
 وَالْمُؤْمِنُونَ وَالْمُؤْمِنَاتُ بَعْضُہُمْ أَوْلِیاء بَعْضٍ یأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَینْہَوْنَ عَنِ الْمُنکرِ وَیقِیمُونَ الصَّلاَة وَیؤْتُونَ الزَّکاة وَیطِیعُونَ اللّہَ وَرَسُولَہُ أُوْلَئِک سَیرْحَمُہُمُ اللّہُ إِنَّ اللّہَ عَزِیزٌ حَکیمٌ (71) سورة التوبۃ
مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں ایک دوسرے کے مددگار ہیں۔ یہ بھلی بات کا حکم دیتے اور بری بات سے روکتے ہیں اور نماز قائم کرتے ہیں اور زکوٰۃ دیتے ہیں، اور اللہ اور اس کے رسول کا کہا مانتے ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جن پر اللہ رحم کرے گا۔ بیشک اللہ زبردست حکمت والا ہے۔
اور نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
" جب تمہارے بچے سات سال کے ہو جائیں تو انہیں نماز پڑھنے کا حکم دو، اور دس سال کی عمر میں نماز نہ پڑھیں تو انہیں مارو اور ان کے بسترعلیحدہ کر دو"
مذکورہ حدیث میں جب سات سال کے بچوں اور بچیوں کو نماز کا حکم، اور دس برس کی عمر میں نماز چھوڑنے پر مارنے کا حکم دیا جا رہا ہے تو بالغ شخص کو نماز کا حکم دینا، نیزسستی و کوتاہی پر نصیحت کرتے ہوئے اس کے ساتھ مناسب تادیبی کارروائی کرنا بدرجۂ اولی واجب ہو گا۔
آپس میں حق بات کی تلقین اور حق کی راہ میں پیش آمدہ مصائب پر صبر و تحمل ضروری ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
وَالْعصر إِنَّ الْإِنسَانَ لَفِی خُسْرٍ إِلَّا الَّذِینَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ (1۔3) سورة العصر
قسم ہے عصر کے وقت کی، بیشک سارے انسان گھاٹے میں ہیں، مگر وہ لوگ جو ایمان لائے، اچھے کام کئے اور ایک دوسرے کو حق پر چلنے کی اور مصیبت میں صبر کرنے کی تلقین کرتے رہے۔
اور جو شخص بالغ ہو جانے کے بعد نماز نہ پڑھے اور نہ ہی نصیحت قبول کرے، تو اس کا معاملہ شرعی عدالت میں پیش کیا جائے گا، تاکہ اس سے توبہ کرائی جائے۔ اگر توبہ کر کے راہ راست پر آ جاتا ہے تو ٹھیک، ورنہ اسے قتل کر دیا جائے گا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالی مسلمانوں کے حالات درست فرمائے، انہیں دین کی سمجھ دے، نیکی و تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کرنے، بھلی بات کا حکم دینے، بری بات سے روکنے، حق بات کی تلقین اور راہ حق میں پیش آمدہ مصائب پر صبر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

سوال 16 :

بعض لوگ گاڑی وغیرہ کے حادثے سے دوچار ہونے کے سبب چند دنوں کے لئے اپنا دماغی توازن کھو بیٹھتے ہیں، یا ان پر بیہوشی طاری رہتی ہے، کیا ہوش وحواس درست ہو جانے کے بعد ایسے لوگوں پر فوت شدہ نمازوں کی قضا واجب ہے ؟

جواب :

اگر یہ کیفیت تین دن یا اس سے کم مدت کیلئے ہو، تو نماز کی قضا واجب ہے۔ کیونکہ مذکورہ مدت کی بیہوشی نیند کے مشابہ ہے اور نیند قضاسے مانع نہیں۔ جیساکہ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی ایک جماعت کے بارے میں منقول ہے کہ وہ تین دن سے کم مدت کے لئے بے ہوشی کے شکار ہوئے اور فوت شدہ نمازوں کی قضا کی۔
لیکن اگر یہ کیفیت تین دن سے زیادہ مدت کے لئے ہو تو فوت شدہ نمازوں کی قضا نہیں۔، نبیؐ کا ارشاد ہے :
"تین قسم کے لوگوں سے قلم کو روک لیا گیا ہے : سونے والا یہاں تک کہ بیدار ہو جائے، بچہ یہاں تک کہ بالغ ہو جائے، اور پاگل یہاں تک کہ اس کے ہوش وحواس درست ہو جائیں "
اور مذکورہ مدت کی بے ہوشی جنون (پاگل پن) کے مشابہ ہے، کیونکہ دونوں صورتوں میں عقل زائل ہوتی ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 17 :

بہت سے مریض نماز کی ادائیگی میں سستی برتتے ہیں اور کہتے ہیں کہ شفا یاب ہونے کے بعد قضا کر لیں گے، اور بعض پاکی و طہارت پر قادر نہ ہونے کا بہانہ بناتے ہیں، ایسے لوگوں کو آپ کیا نصیحت فرماتے ہیں ؟

جواب :

جب تک ہوش وحواس درست ہوں تو محض اس دلیل سے کہ طہارت حاصل کرنے پر قدرت نہیں، بیماری نماز کی ادائیگی سے مانع نہیں ہے۔ بلکہ مریض پر اپنی طاقت کے مطابق نماز ادا کرنا واجب ہے۔ پانی سے طہارت حاصل کرسکتا ہے تو پانی سے طہارت حاصل کرے، ورنہ تیمم کر کے نماز پڑھے۔ نیز نماز کے وقت جسم اور لباس سے نا پاکی دھل لے، یا پاک وصاف کپڑے بدل لے۔ اگرنجاست دھلنے یا پاک کپڑے بدلنے کی بھی طاقت نہیں تو اپنی اسی حالت میں نماز پڑھ لے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
فَاتَّقُوا اللَّہَ مَا اسْتَطَعْتُمْ (16) سورة التغابن
اپنی طاقت کے مطابق اللہ سے ڈرتے رہو۔
اور نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
"جب میں تمہیں کسی بات کا حکم دوں تواسے اپنی طاقت کے مطابق بجا لاؤ"(بخاری ومسلم)
ایسے ہی جب عمران بن حصینؓ نے نبیؐ سے اپنی بیماری کا شکوہ کیا تو آپ نے انہیں حکم دیتے ہوئے فرمایا :
" نماز کھڑے ہو کر پڑھا کرو، اگر کھڑے نہیں ہو سکتے تو بیٹھ کر، اور بیٹھ بھی نہیں سکتے تو کروٹ کے بل"
یہ صحیح بخاری کی روایت ہے، اس حدیث کونسائی نے بھی صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے جس میں اتنا اضافہ ہے :
"اگر کروٹ کے بل بھی طاقت نہیں تو چت لیٹ کر"

سوال18 :

ایک شخص نے جان بوجھ کر ایک یا ایک سے زیادہ وقت کی نمازیں چھوڑ دیں، مگر بعد میں اس نے اللہ تعالی کی توفیق سے سچی توبہ کر لی، کیا وہ چھوڑی ہوئی نمازوں کی قضا کرے ؟

جواب :

علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق جان بوجھ کر چھوڑی ہوئی نمازوں کی قضا ضروری نہیں، کیونکہ جان بوجھ کر نماز چھوڑنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہو کر کافروں کے زمرہ میں آ جاتا ہے، اور کافرکواسلام لانے کے بعد حالت کفر کی چھوڑی ہوئی نمازوں کی قضا نہیں کرنا ہے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
" آدمی کے اور کفر و شرک کے درمیان نماز چھوڑنے کا فرق ہے "(صحیح مسلم) ایک دوسری حدیث میں آپ نے ارشاد فرمایا :
" ہمارے اور ان (کافروں ) کے درمیان نماز کا فرق ہے، توجس نے نماز چھوڑ دی اس نے کفر کیا " (مسند احمد وسنن اربعہ، بروایت بریدہ بن حصیبؓ)
نیز نبی ؐ نے ان لوگوں کو جو کفرسے نکل کراسلام میں داخل ہوئے حالت کفر کی چھوڑی ہوئی نمازوں کی قضا کا حکم نہیں دیا، اور نہ ہی صحابۂ کرام نے مرتدین کو دوبارہ اسلام میں واپس ہونے کے بعد حالت ارتداد کی چھوڑی ہوئی نمازوں کی قضا کا حکم دیا۔ لیکن جان بوجھ کر نماز چھوڑنے والا اگر نماز کے وجوب کا منکر نہیں تو قضا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ کیونکہ اسی میں احتیاط نیز اختلاف سے نجات ہے۔ جیساکہ اکثر اہل علم اس شخص کو نماز چھوڑنے پر کافر نہیں گردانتے جو نماز کے وجوب کا قائل ہو۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 19 :

بعض لوگ کہتے ہیں کہ اگر اول وقت پر اذان نہیں دی گئی تو بعد میں اذان دینے کی کوئی ضرورت نہیں، کیونکہ اذان دینے کا مقصد لوگوں کو نماز کے وقت کی اطلاع دینا ہے، اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے ؟ اور کیا صحراء و بیابان میں تنہا شخص کے لئے اذان دینا مشروع ہے ؟

جواب :

جہاں بہت سارے موذن موجود ہوں جن کی اذان سے مقصد حاصل ہو گیا ہو، وہاں اگرکسی موذن نے اول وقت پر اذان نہیں دی تو بعد میں اذان دینا اس کے لئے مشروع نہیں، ہاں معمولی تاخیر کی صورت میں اذان دی جاسکتی ہے۔
البتہ اگر شہر میں اس کے علاوہ کوئی دوسراموذن نہیں ہے تو ایسی حالت میں کچھ دیر ہی سے سہی، اذان دینا واجب ہے۔ کیونکہ اذان دینا فرض کفایہ ہے۔ اور جب اس کے علاوہ کوئی دوسرا اذان دینے والا نہیں تو یہ ذمہ داری اس کے اوپر واجب ہے۔ نیز اس لئے بھی کہ اس صورت میں اذان دینا ضروری ہے کہ عام طور پر لوگوں کو اذان کا انتظار رہتا ہے۔
رہا مسافرتو اس کے لئے اذان دینا مشروع ہے، چاہے وہ اکیلا ہی کیوں نہ ہو۔ جیساکہ صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ ابوسعید خدریؓ ایک شخص کو حکم دیتے ہوئے فرمایا :
"جب تو صحرا و بیابان میں ہو یا اپنی بکریوں میں ہو توبلندآوازسے اذان دے لیا کر۔ کیونکہ موذن کی آوازجس جس مخلوق نے سنا خواہ انسان ہو یا جن یا کوئی اور مخلوق، وہ سب کے سب قیامت کے دن اس کے لئے گواہی دیں گے"۔
ابوسعید خدریؓ نے اس روایت کو مرفوع قرار دیا ہے۔
نیزمسافرکے لئے اذان دینا اس لئے بھی مشروع ہے کہ اذان کی مشروعیت اور اس کی افادیت کے سلسلہ میں وارد تمام حدیثیں عام ہیں۔

سوال 20 :

کیا صرف عورتوں کے لئے خواہ سفرمیں ہوں یا حضر میں، تنہا یا با جماعت نماز پڑھنے کے لئے اذان دینا اور اقامت مشروع ہے ؟

جواب :

عورتوں کے لئے اذان اور اقامت مشروع نہیں، خواہ سفرمیں ہوں یا حضر میں، بلکہ اذان اور اقامت مردوں کے لئے خاص ہے، جیساکہ نبیؐ کی صحیح حدیثوں سے ثابت ہے۔

سوال 21 :

کسی تنہا شخص نے یا کسی جماعت نے بھول کربلا اقامت نماز پڑھ لی، تو کیا اس سے نماز متاثر ہو گی ؟

جواب :

جو نماز بھول کربلا اقامت پڑھ لی جائے ، وہ درست ہے۔ خواہ کسی تنہا شخص نے پڑھی ہویا کسی جماعت نے۔ اسی طرح اگر بلا اذان کے نماز پڑھ لی جائے، تب بھی نماز درست ہے۔ مگر جن سے اذان اور اقامت چھوٹی ہے، انہیں اللہ سے توبہ کرنی چاہئے۔ کیونکہ اذان اور اقامت فرض کفایہ اور اصل نماز سے خارج ہیں۔ اور فرض کفایہ کا حکم یہ ہے کہ اگر بعض نے اسے انجام دے دیا تو باقی لوگوں سے یہ ذمہ داری ساقط ہو جائے گی۔ اور اگرسب نے چھوڑ دیا توسب کے سب گنہگار ہوں گے۔ پس اذان اور اقامت کا بھی یہی حکم ہے۔ اگرکسی نے انہیں انجام دے دیا تو باقی لوگوں سے ان کا وجوب اور گناہ ساقط ہو جائے گا۔ خواہ وہ سفرمیں ہوں یا حضر میں، شہر میں ہوں یا گاؤں اور دیہات میں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو اپنی مرضی کے مطابق عمل کرنے کی توفیق دے (آمین)

سوال 22 :

فجر کی اذان میں "الصلوٰۃ خیرمن النوم " کہنے کی کیا دلیل ہے ؟ نیز بعض لوگ اذان میں "حیَّ علی خیرالعمل" کا اضافہ کرتے ہیں کیا شریعت میں اس کی کوئی اصل ہے ؟

جواب :

نبیؐ سے ثابت ہے کہ آپ نے بلال اور ابومحذورہؓ کو فجر کی اذان میں "الصلوٰۃ خیرمن النوم" کہنے کا حکم دیا تھا، اور انسؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے فرمایا :
فجرکی اذان مین "الصلوٰۃ خیرمن النوم " کہنا سنت ہے (صحیح ابن خزیمہ)
علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق یہ کلمات اس اذان میں کہے جائیں گے جو صبح صادق کے طلوع ہونے کے وقت دی جاتی ہے، اور اقامت کے بہ نسبت یہی اذان اول اور اقامت اذان ثانی ہے۔ جیسا کہ نبیؐ کا ارشاد ہے :
" ہر دو اذانوں کے درمیان نماز ہے "
صحیح بخاری میں عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی اسی مفہوم کی ایک حدیث مروی ہے۔
رہا اذان میں بعض شیعوں کا "حیَّ عَلَىْ خَیْرِ العَمَل " کا اضافہ کرنا، تو یہ سراسربدعت ہے۔ احادیث صحیحہ میں اس کی کوئی اصل نہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اور تمام مسلمانوں کو سنت نبوی کی اتباع کرنے اور اس پر مضبوطی کے ساتھ کاربند رہنے کی توفیق دے۔ یہی راہ نجات اور سعادت کے حصول کا ذریعہ ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 23 :

حدیث میں وارد ہے کہ نماز کسوف کے لئے "الصلاۃ جامعہ "کہہ کر منادی کی جائے، کیا یہ کلمہ ایک بار کہا جائے یا بار بار کہنا مشروع ہے ؟ اور اگر تکرار مشروع ہے تواسکی کیا حد ہے ؟

جواب :

نبیؐ سے ثابت ہے کہ آپ نے نماز کسوف کے لئے " الصلاۃ جامعہ" کہہ کر منادی کرنے کا حکم دیا ہے۔ سنت یہ ہے کہ منادی کرنے والا اس کلمہ کو بار بار دہرائے۔ یہاں تک کہ اسے یقین ہو جائے کہ لوگوں نے سن لیا ہے۔ ہمارے علم کے مطابق اس کی کوئی حد متعین نہیں۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 24 :

بہت سے لوگ سترہ کے معاملہ میں شدت برتتے ہیں، یہاں تک کہ مسجد میں داخل ہونے کے بعد اگر انہیں سترہ بنانے کے لئے کوئی ستون خالی نہ ملا تو انتظار میں ٹھہرے رہتے ہیں، اور بغیرسترہ کے نماز پڑھنے والے پر نکیر کرتے ہیں، جبکہ بعض لوگ ان کے برعکس سترہ کے معاملہ میں سستی برتتے ہیں، اس سلسلہ میں حق بات کیا ہے ؟ اور اگرسترہ رکھنے کے لئے کوئی چیز نہ ملے تو کیا لکیرسترہ کے قائم مقام ہو سکتی ہے ؟ اور کیا شریعت میں اس کی کوئی دلیل ہے ؟

جواب :

سترہ رکھ کر نماز پڑھنا واجب نہیں بلکہ سنت موکدہ ہے۔ اگر کوئی چیز گاڑنے کے لئے نہ ملے، تو لکیرکھینچ لینا کافی ہے۔ اور اس کی دلیل درج ذیل احادیث ہیں، چنانچہ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"جب تم میں سے کوئی نماز پڑھے توسامنے سترہ رکھ لے اور اس سے قریب ہو کر نماز پڑھے "( سنن ابوداؤد بسند صحیح)
ایک دوسری حدیث میں آپ کا ارشاد ہے :
"نماز ی کے سامنے اگر کجاوہ کی آخری لکڑی کے مانند کوئی چیز نہ ہوتواسکی نماز کو عورت، گدھا اور کالا کتّا سامنے سے گزر کر کاٹ دیتے ہیں " (صحیح مسلم)
ایک تیسری حدیث میں آپ نے ارشاد فرمایا :
"جب تم میں سے کوئی شخص نماز پڑھے تو اپنے سامنے کوئی چیز رکھ لے، اگر کچھ نہ پائے تو لاٹھی ہی گاڑ لے۔ اور اگر یہ بھی نہ ہو سکے تو ایک لکیر ہی کھنچ دے۔ پھرسامنے سے کسی چیز کے گزرنے پراسے کوئی نقصان نہیں ہو گا" (مسند احمد اور ابن ماجہ بسند حسن)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ بلوغ المرام میں فرماتے ہیں کہ نبیؐ سے ثابت ہے کہ آپ نے بعض اوقات بغیرسترہ کے نماز پڑھی ہے، جواس بات کی واضح دلیل ہے کہ سترہ رکھنا واجب نہیں۔
البتہ مسجد حرام کی نماز اس حکم سے مستثنی ہے، مسجد حرام میں نماز پڑھنے والے کو سترہ رکھنے کی ضرورت نہیں، جیساکہ عبد اللہ بن زبیرؓ سے ثابت ہے کہ وہ مسجد حرام میں بلا سترہ کے نماز پڑھتے تھے اور طواف کرنے والے ان کے سامنے سے گزرتے رہتے تھے۔ اسی طرح نبیؐ سے بھی اس مفہوم کی ایک حدیث مروی ہے مگراس کی سند ضعیف ہے۔
سترہ کی مشروعیت مسجد حرام میں اس لئے بھی ساقط ہے کہ مسجد حرام میں عموماً بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے اور نماز ی کے آگے سے گزرنے سے بچنا نا ممکن ہوتا ہے۔ نیز بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں مسجد نبوی اور دیگرمسجدوں کا بھی یہی حکم ہے، اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
فَاتَّقُوا اللَّہَ مَا اسْتَطَعْتُمْ (16) سورة التغابن
اپنی طاقت کے مطابق اللہ سے ڈرتے رہو۔
اور نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
" جب میں تمہیں کسی بات کا حکم دوں تواسے اپنی طاقت کے مطابق بجا لاؤ"(متفق علیہ)

سوال 25 :

بہت سے لوگوں کو دیکھا جاتا ہے کہ نماز میں بحالت قیام اپنے ہاتھوں کو ناف کے نیچے باندھتے ہیں، اور بعض لوگ سینے کے اوپر رکھتے ہیں اور ناف کے نیچے باندھنے والوں پرسخت نکیر کرتے ہیں، اور بعض داڑھی کے نیچے باندھتے ہیں، اور بعض سرے سے باندھتے ہی نہیں، بلکہ لٹکائے رکھتے ہیں، تواس سلسلہ میں مسئلہ صحیح کیا ہے ؟

جواب :

افضل یہ ہے کہ نماز میں بحالت قیام رکوع کے پہلے اور رکوع کے بعد دائیں ہتھیلی کو بائیں ہتھیلی پر رکھ کرسینہ پر باندھا جائے، جیساکہ وائل بن حجر، قبیصہ بن ہلب طائی، اور سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہم کی حدیثوں سے ثابت ہوتا ہے۔
رہی بات ناف کے نیچے ہاتھ باندھنے کی، تواس سلسلہ میں علیؓ سے ایک ضعیف حدیث مروی ہے۔ مگر داڑھی کے نیچے ہاتھ باندھنا، یا لٹکائے رکھنا خلاف سنت ہے۔ واللہ ولی التوفیق

سوال 26 :

بہت سے لوگ جلسۂ استراحت کا اہتمام کرتے ہیں اور اگرکسی نے نہ کیا تو اس پر اعتراض کرتے ہیں، تو اس کا کیا حکم ہے ؟ اور کیا یہ منفرد کی طرح امام اور مقتدی کے لئے مشروع ہے ؟

جواب :

جلسۂ استراحت امام، مقتدی اور منفردسب کے لئے مستحب ہے، اور یہ دونوں سجدوں کے بعد ایک ہلکاسا جلسہ(بیٹھنا) ہے جس کی مقدار وہی ہے جو دونوں سجدوں کے درمیان کے جلسہ کی ہے۔ اسمیں کوئی ذکر و دعا مشروع نہیں۔ اگرکسی نے نہیں بھی کیا تو کوئی حرج نہیں۔ جلسۂ استراحت کے سلسلہ میں نبیؐ سے متعدد احادیث وارد ہیں جو مالک بن حویرث، ابو حمید ساعدی اور صحابہ رضی اللہ عنہم کی ایک جماعت سے مروی ہیں۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 27 :

ہوائی جہاز میں نماز ادا کرنے کا طریقہ کیا ہے ؟ اور کیا جہاز میں اول وقت پر نماز پڑھنا افضل ہے یا ہوائی اڈہ پر پہنچنے کا انتظار کرنا، اگر نماز کے آخری وقت میں جہاز کے پہنچنے کی امید ہو؟

جواب :

ہوائی جہاز کے سفرمیں جب نماز کا وقت ہو جائے توحسب استطاعت نماز ادا کر لینا واجب ہے۔ اگر جہاز میں کوئی ایسی جگہ میسرہے جہاں قیام اور رکوع وسجود کے ساتھ نماز ادا کی جاسکتی ہے تو ٹھیک، ورنہ بیٹھ کر اشاروں سے رکوع وسجود کرتے ہوئے نماز پڑھی جائے گی۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
فَاتَّقُوا اللَّہَ مَا اسْتَطَعْتُمْ (16) سورة التغابن
اپنی طاقت بھر اللہ سے ڈرتے رہو۔
اور نبیؐ نے عمران بن حصینؓ سے ان کی بیماری کی حالت میں فرمایا :
" کھڑے ہو کر نماز پڑھو، کھڑے نہیں ہو سکتے تو بیٹھ کر، اور بیٹھ بھی نہیں سکتے تو کروٹ کے بل"
اس حدیث کو امام بخاری نے اپنی صحیح میں اور امام نسائی نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔ اور نسائی نے اتنا اضافہ کیا ہے :
" اور اگر کروٹ کے بل نہ ہو سکے تو چت لیٹ کر"
افضل یہ ہے کہ ہوائی جہاز میں اول وقت پر نماز ادا کر لی جائے، لیکن اگرکسی نے ہوائی اڈے پر پہنچ کر آخری وقت میں نماز ادا کی تب بھی کوئی حرج نہیں۔ کیونکہ اس سلسلہ میں دلائل عام ہیں یہی حکم موٹر، ٹرین اور کشتی وغیرہ کا بھی ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 28 :

بہت سے لوگ نماز میں بکثرت لغو کام اور حرکتیں کرتے رہتے ہیں، تو کیا نماز کے باطل ہونے کیلئے حرکت کی کوئی حد متعین ہے ؟اور بعض لوگ لگا تار تین حرکتیں کرنے سے نماز باطل قرار دیتے ہیں، تو کیا اس تحدید کی کوئی اصل ہے ؟ اور جو لوگ اپنی نمازوں میں بکثرت لغو کام کرتے ہیں انہیں آپ کیا نصیحت فرماتے ہیں ؟

جواب :

نماز میں اطمینان وسکون کا ملحوظ رکھنا، نیز لغو کام سے اجتناب کرنا ہر مومن مرد و عورت کیلئے ضروری ہے۔ کیونکہ اطمینان وسکون نماز کا ایک رکن ہے۔ جیساکہ صحیحین میں نبیؐ سے ثابت ہے کہ آپ نے ایک شخص کوجس نے اپنی نماز میں اطمینان ملحوظ نہیں رکھا نماز دہرانے کا حکم دیا۔ پس نماز میں خشوع و خضوع اور حضور قلب ہرمسلمان مرد و عورت کے لئے مشروع ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ الَّذِینَ ہُمْ فِی صَلَاتِہِمْ خَاشِعُونَ (1۔2) سورة المؤمنون
کامیاب ہو گئے وہ مومن جو اپنی نمازوں میں خشوع اختیار کرتے ہیں ۔
نماز میں لباس اور داڑھی وغیرہ سے کھیلنا مکروہ ہے۔ اور اگر یہ فعل لگاتار اور کثرت سے ہو تو حرام اور نماز کے باطل ہونے کا سبب ہے۔ جو لوگ نماز کے باطل ہونے کے لئے تین حرکتوں کی تحدید کرتے ہیں ان کا یہ قول ضعیف اور بے بنیاد ہے۔ بلکہ یہ امر نماز ی کے اعتقاد پر موقوف ہے۔ اگر نماز ی کا اعتقاد یہ ہے کہ اس نے لگاتار اور کثرت سے حرکتیں کی ہیں تو اسے فرض نماز کی صورت میں نماز دہرانا ہو گا اور اللہ سے توبہ کرنی ہو گی۔
ہرمسلمان مرد و عورت کے لئے میری نصیحت ہے کہ وہ نماز میں خشوع و خضوع کا اہتمام کریں۔ نیز معمولی حرکت و عبث سے بھی اجتناب کریں۔ کیونکہ نماز کی بڑی اہمیت ہے، یہ اسلام کا ستون اور شہادتین کے اقرار کے بعد اسلام کا اہم ترین رکن ہے۔ نیز قیامت کے دن بندوں سے سب سے پہلے اسی کے متعلق پوچھ تاچھ ہو گی۔ اللہ تمام مسلمانوں کو اپنی مرضی کے مطابق نماز ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

سوال 29 :

سجدے میں جاتے وقت پہلے دونوں ہاتھوں کا زمین پر رکھنا افضل ہے یا گھٹنوں کا؟ نیز اس مسئلہ میں وارد دونوں حدیثوں کے درمیان تطبیق کی کیا صورت ہے ؟

جواب :

علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق سجدہ میں جاتے وقت پہلے دونوں گھٹنوں کو زمین پر رکھنا ہی سنت ہے، بشرطیکہ اس کی استطاعت ہو۔ اور یہی جمہور کا قول ہے۔ جیساکہ وائل بن حجرؓ کی حدیث سے، اور اس مفہوم کی دیگر حدیثوں سے ثابت ہوتا ہے ۔
رہی ابو ہریرہؓ کی حدیث، تو یہ درحقیقت وائل بن حجرؓ کی حدیث کے مخالف نہیں، بلکہ موافق ہے۔ کیونکہ نبیؐ نے اس میں نماز ی کو اونٹ کی طرح بیٹھنے سے منع فرمایا ہے، اور یہ معلوم ہے کہ ہاتھوں کو گھٹنوں سے پہلے زمین پر رکھنے ہی میں اونٹ کی مشابہت ہے۔ رہا حدیث کے آخر میں آپ کا یہ ارشاد کہ " ہاتھوں کو گھٹنوں سے پہلے رکھے " تو قرین قیاس یہ ہے کہ بعض راویوں سے حدیث میں الٹ پھیر ہو گئی ہے، اور درست عبارت یوں ہے " گھٹنوں کو ہاتھوں سے پہلے رکھے "
اس طرح ابو ہریرہؓ کی حدیث کا آخری حصہ پہلے حصہ کے موافق ہو جاتا ہے، اور حدیثوں کے درمیان سے تعارض دور ہو جاتا ہے۔ علامہ ابن قیم رحمہ اللہ نے اپنی کتاب "زاد المعاد" میں یہی توجیہ کی ہے۔
البتہ اگر کوئی شخص بیماری یا بڑھاپا کی وجہ سے زمین پر پہلے گھٹنوں کو رکھنے سے قاصر ہے تو اس کے لئے ہاتھوں کو پہلے رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
فَاتَّقُوا اللَّہَ مَا اسْتَطَعْتُمْ (16) سورة التغابن
اپنی طاقت بھر اللہ سے ڈرتے رہو
اور نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
"جس چیز سے میں تمہیں روک دوں اس سے باز رہو، اور جس چیز کا حکم دوں اس سے اپنی طاقت کے مطابق بجا لاؤ"(متفق علیہ) واللہ ولی التوفیق۔

سوال 30 :

نماز میں کھکھارنے، پھونکنے اور رونے کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے ؟ اور کیا ان چیزوں سے نماز باطل ہو جائے گی یا نہیں ؟

جواب :

کھکھارنے، پھونکنے اور رونے سے نماز باطل نہیں ہوتی، ضرورت پرایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ البتہ بلا ضرورت ایسا کرنا مکروہ ہے۔ جیساکہ نبیؐ سے ثابت ہے کہ جب علیؓ آپ سے نماز کی حالت میں اجازت طلب کرتے تو آپ ان کے لئے کھکھارتے تھے ۔
رہا رونا، تو اگر یہ خشوع و خشیت الٰہی کے سبب سے ہے تو نماز ہویا غیر نماز ، یہ ہر وقت کے لئے مشروع ہے۔ جیسا کہ نبیؐ سے، ابوبکر و عمر فاروق سے نیز صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی ایک جماعت، اور تابعین عظام سے نماز میں رونا ثابت ہے۔

سوال 31 :

نماز ی کے آگے سے گزرنے کا کیا حکم ہے ؟ اور کیا اس سلسلہ میں حرم شریف کا حکم دوسری مسجدوں سے مختلف ہے ؟ اور قطع صلاۃ کا کیا مطلب ہے ؟ نیز نماز ی کے آگے سے اگر کالا کتا، یا عورت، یا گدھا گزر جائے تو کیا اسے نماز لوٹانی ہو گی ؟

جواب :

نماز ی کے آگے سے یا اس کے اور سترہ کے درمیان سے گزرنا حرام ہے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :

" نماز ی کے آگے سے گزرنے والے کو اگر معلوم ہو جائے کہ یہ کتنا بڑا گناہ ہے توچالیس سال تک اس کا انتظار میں ٹھہرا رہنا نماز ی کے آگے گزرنے سے بہتر ہو گا"(متفق علیہ)

نیز نماز ی کے آگے سے بالغ عورت، یا گدھا، یا کالا کتا کے گزرنے سے نماز باطل ہو جائے گی۔ البتہ ان کے علاوہ کسی اور چیز کے گزرنے سے نماز باطل نہیں ہو گی، مگر ثواب کم ہو جائے گا۔ جیساکہ نبیؐ کا ارشاد ہے:

"جب کوئی شخص نماز پڑھے اور اپنے سامنے کجاوہ کی آخری لکڑی کی مانند کوئی چیز نہ رکھے، تواسکی نماز کو عورت، گدھا اور کالا کتا گزر کر کاٹ دیتے ہیں "(صحیح مسلم بروایت ابو ذرؓ)

صحیح مسلم ہی میں اس مفہوم کی ایک دوسری حدیث ابوہریرہؓ سے بھی مروی ہے۔ مگراس میں مطلق کتا کا ذکر ہے، کالے کتے کی قید نہیں۔ اور اہل علم کے یہاں یہ قاعدہ ہے کہ مطلق کو مقید پر محمول کیا جائے گا۔
رہی بات مسجد حرام کی، تو اسمیں نماز ی کے آگے سے گزرنا نہ تو حرام ہے اور نہ ہی کسی چیز کے گزرنے سے نماز باطل ہو گی۔ خواہ وہ حدیث میں مذکور تین چیزیں ہوں یا ان کے علاوہ کوئی اور چیز ہو، کیونکہ مسجد حرام بھیڑ بھاڑ کی جگہ ہے، وہاں نماز ی کے آگے سے گزرنے سے بچنا ناممکن ہے۔ جیساکہ اس سلسلہ میں ایک صریح حدیث بھی وارد ہے، جو اگرچہ ضعیف ہے مگر عبد اللہ بن زبیرؓ وغیرہ کے آثارسے اس کا ضعف دور ہو جاتا ہے۔

نیز بھیڑ بھاڑ کے موقع پر یہی حکم مسجد نبوی اور دیگرمسجدوں کا بھی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
فَاتَّقُوا اللَّہَ مَا اسْتَطَعْتُمْ (16) سورة التغابن
اپنی طاقت بھر اللہ سے ڈرتے رہو

اور فرمایا :
لاَ یکلِّفُ اللّہُ نَفْسًا إِلاَّ وُسْعَہَا (286) سورة البقرة
اللہ کسی نفس پراسکی طاقت سے زیادہ بوجہ نہیں ڈالتا۔

اور نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
"جس چیز سے میں تمہیں روک دوں اس سے باز آ جاؤ اور جس بات کا حکم دوں اسے اپنی طاقت کے مطابق بجا لاؤ" (متفق علیہ)

سوال 32 :

فرض نماز کے بعد ہاتھ اٹھا کر دعا مانگنے کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے ؟ اور کیا اس سلسلہ میں فرض نماز کے درمیان اور نفل نماز کے درمیان کوئی فرق ہے ؟

جواب :

دعا کے وقت ہاتھوں کا اٹھانا سنت اور قبولیت کا سبب ہے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"تمہارا رب با حیا اور کرم نواز ہے، جب اس کا بندہ اس کے سامنے اپنے ہاتھوں کو اٹھاتا ہے، تواسے خالی واپس کرتے ہوئے اسے شرم محسوس ہوتی ہے "
اس حدیث کو امام ابوداؤد، ترمذی، ابن ماجہ اور حاکم نے سلمان فارسیؓ کے طریق سے روایت کیا ہے اور حاکم نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔
ایک دوسری حدیث میں آپؐ نے ارشاد فرمایا :
"بیشک اللہ پاک ہے اور پاک چیز ہی قبول فرماتا ہے۔ اور اللہ نے مومنوں کو وہی حکم دیا ہے جورسولوں کو دیا تھا۔ جیساکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے :
یا أَیہَا الَّذِینَ آمَنُواْ کلُواْ مِن طَیبَاتِ مَا رَزَقْنَاکمْ وَاشْکرُواْ لِلّہِ إِن کنتُمْ إِیاہُ تَعْبُدُونَ (172) سورة البقرة
مومنو!تم ہماری دی ہوئی پاک روزی کھاؤ اور اللہ کا شکر ادا کرو اگر تم خالص اللہ کی بندگی کرتے ہو۔
اور فرمایا :
یا أَیہَا الرُّسُلُ کلُوا مِنَ الطَّیبَاتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا إِنِّی بِمَا تَعْمَلُونَ عَلِیمٌ (51) سورة المؤمنون
پیغمبرو!پاک چیز کھاؤ اور اچھے عمل کرتے رہو، بیشک میں جو کچھ تم کرتے ہو اس سے باخبر ہوں۔
پھر آپ نے فرمایا :
"ایک شخص دور دراز کا سفرکرتا ہے، بال پراگندہ اور جسم غبار آلود ہوتا ہے، اپنے ہاتھوں کو آسمان کی طرف اٹھا کر اے رب، اے رب، کہہ کر دعا کرتا ہے۔ مگراس کی دعا کہاں سے قبول ہو جب اس کا کھانا حرام، اس کا پینا حرام، اس کا لباس حرام، اور حرام سے اس کی پرورش ہوئی ہے "(صحیح مسلم)
لیکن جن مقامات پر آپؐ نے دعا کے لئے ہاتھوں کو نہیں اٹھایا وہاں اٹھانا درست نہیں ہے۔ جیسے پنج وقتہ فرض نمازوں کے بعد، دونوں سجدوں کے درمیان، سلام پھیرنے سے پہلے، اور جمعہ و عیدین کا خطبہ دیتے وقت، ان جگہوں پر آپ سے ہاتھ کا اٹھانا ثابت نہیں۔ اور ہمیں کسی کام کے کرنے اور نہ کرنے میں آپ ہی کی اقتداء کرنی ہو گی۔ البتہ جمعہ و عیدین کے خطبہ میں اگراستسقاء کے لئے دعا کرنا ہو تو ہاتھوں کا اٹھانا مشروع ہے۔ کیونکہ نبیؐ سے ثابت ہے۔
رہی بات نفل نمازوں کی، تو میرے علم میں ان کے بعد دعا کے لئے ہاتھ اٹھانے میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ اس سلسلہ میں وارد دلیلیں عام ہیں۔ مگر افضل یہ ہے کہ اس پر مداومت نہ کی جائے، کیونکہ آپؐ سے یہ چیز ثابت نہیں۔ اگر آپ نے ایسا کیا ہوتا تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ذریعہ یہ بات ضرور منقول ہوتی۔ کیونکہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے آپ کے سفروحضر کے تمام اقوال و افعال اور احوال و اوصاف کی نقل و روایت میں کوئی کوتاہی نہیں کی ہے۔
رہی یہ حدیث جو لوگوں کے درمیان مشہور ہے کہ نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
"نماز ، خشوع و تضرع اور ہاتھ اٹھا کر اے رب، اے رب کہہ کر دعا مانگنے کا نام ہے "
تو یہ حدیث ضعیف ہے، جیساکہ حافظ ابن رجب وغیرہ نے اسکو وضاحت کے ساتھ بیان کیا ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 33 :

ہم نے بعض لوگوں کو یہ کہتے ہوئے سنا ہے کہ نماز کے بعد پیشانی پر لگی ہوئی مٹی کا جھاڑنا مکروہ ہے، کیا اس بات کی کوئی دلیل ہے ؟

جواب :

ہمارے علم کے مطابق اس کی کوئی دلیل نہیں، البتہ سلام پھیرنے سے پہلے ایساکرنا مکروہ ہے۔ جیسا کہ نبیؐ سے ثابت ہے کہ ایک دفعہ بارش کی رات میں جب آپ صبح کی نماز سے فارغ ہوئے تو دیکھا کہ آپ کے چہرے پر پانی اور مٹی کے آثار ہیں۔ یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ نماز سے فارغ ہونے سے پہلے پیشانی سے مٹی وغیرہ کا نہ جھاڑنا افضل ہے۔

سوال 34 :

فرض نماز سے سلام پھیرنے کے بعد مصافحہ کرنے کا کیا حکم ہے ؟ کیا اس سلسلہ میں فرض نماز کے اور نفل نماز کے درمیان کوئی فرق ہے ؟

جواب :

دراصل مصافحہ مسلمانوں کے لئے ملاقات کے وقت مشروع ہے۔ نبیؐ جب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ملتے، نیز صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جب آپس میں ایک دوسرے سے ملتے تو مصافحہ کرتے تھے، انسؓ اور امام شعبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ صحابۂ کرام جب آپس میں ایک دوسرے سے ملتے تو مصافحہ کرتے، اور جب سفرسے واپس ہوتے تو معانقہ کرتے تھے ۔
نیز صحیحین کی روایت ہے کہ طلحہ بن عبید اللہؓ جو عشرۂ مبشرہ میں سے ہیں جب اللہ تعالیٰ نے کعب بن مالکؓ کی توبہ قبول فرمائی توی ہ مسجد نبوی میں نبی ؐ کے حلقہ سے اٹھے اور کعب بن مالک کی طرف بڑھے۔ اور انہیں توبہ کی قبولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے ان سے مصافحہ کیا ۔
مصافحہ کی سنت عہد نبوی اور اس کے بعد مسلمانوں کے درمیان مشہور و معروف رہی ہے۔
اور نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
"جب دو مسلمان ملاقات کے وقت ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے ہیں تو ان کے گنا ہ ان کے جسم سے اس طرح جھڑ جاتے ہیں جس طرح درخت سے پتے جھڑتے ہیں "
مسجد میں یا صف میں ملاقات کے وقت مصافحہ کرنا مستحب ہے۔ اگر نماز سے پہلے مصافحہ نہیں کیا ہے تو بعد میں مصافحہ کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، کیونکہ یہ ایک عظیم سنت ہے اور اس پر عمل کرنا باہم الفت و محبت کے حصول اور بغض و عداوت کے خاتمہ کا سبب ہے۔
البتہ فرض نماز سے پہلے اگر مصافحہ نہیں کیا ہے تو اذکارمسنونہ سے فارغ ہونے کے بعد مصافحہ کرنا درست ہے۔
جو لوگ فرض نماز سے دوسرا سلام پھیرتے ہی مصافحہ کرنا شروع کر دیتے ہیں ان کے اس فعل کی میرے علم کے مطابق کوئی دلیل نہیں، بلکہ اس کا مکروہ ہونا ہی زیادہ قرین قیاس ہے۔ اور اس لئے بھی کہ نماز ی کو اس وقت ان اذکارمسنونہ کا اہتمام کرنا چاہئے جو نبی ؐسے ثابت ہیں۔
البتہ نفل نماز کے بعد فوراً مصافحہ کرنا درست ہے بشرطیکہ نماز سے پہلے مصافحہ نہ کیا ہو۔

سوال 35 :

فرض نماز کے بعد سنت پڑھنے کے لئے جگہ بدلنے کا کیا حکم ہے ؟ کیا اس کے مستحب ہونے کی کوئی دلیل ہے ؟

جواب :

میرے علم کے مطابق اس سلسلہ میں کوئی صحیح حدیث وارد نہیں، البتہ عبد اللہ بن عمرؓ اور بہت سے سلف ایسا کرتے تھے، الحمد للہ مسئلہ میں وسعت ہے، نیز سنن ابی داؤد میں اس سے متعلق ایک ضعیف حدیث وارد ہے جسے عبد اللہ بن عمرؓ اور دیگرسلف صالحین کے فعل سے تقویت مل جاتی ہے، واللہ ولی التوفیق۔

سوال 36 :

فجر اور مغرب کی فرض نمازوں کے بعد " لا إلہ إلا اللہ وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد یحیى ویمیت وہو على کل شیئٍ قدیر" اسکو دس دس بار پڑھنے کی ترغیب آئی ہے، کیا اس سلسلہ میں وارد حدیثیں صحیح ہیں ؟

جواب :

فجر اور مغرب کی فرض نمازوں کے بعد مذکورہ بالا دعا کودس دس بار پڑھنے کی مشروعیت نبیؐ کی متعدد صحیح حدیثوں سے ثابت ہے۔ ہرمسلمان مرد و عورت کو مذکورہ دونوں نمازوں کے بعد یہ دعا دیگراذکارمسنونہ سے فارغ ہو کر پابندی سے پڑھنا چاہئے۔ وہ اذکارمسنونہ جو پانچوں نمازوں کے بعد پڑھے جاتے ہیں درج ذیل ہیں :
"استغفراللہ استغفراللہ استغفراللہ، اللہم أنت السلام ومنک السلام، تبارکتَ یاذالجلال والإکرام، لآ إلہ إلا اللہ، وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد، وہو علیٰ کل شیئٍ قدیر، لا حول ولا قوة إلا باللہ، لآ إلہ إلا اللہ، ولا نعبد إلا إیاہ، لہ النعمۃ ولہ الفضل ولہ الثناء الحسن، لآإلہ إلا اللہ، مخلصین لہ الدین، ولوکرہ الکافرون، اللہم لامانع لما أعطیتَ، ولامعطی لما منعْـتَ، ولا ینفنع ذاالجدّ منک الجدّ"
میں اللہ سے بخشش مانگتا ہوں، میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں، میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں۔ اے اللہ ! توسلامتی والا ہے اور تجھی سے سلامتی حاصل ہوتی ہے۔ تیری ذات بابرکت ہے اے عظمت و جلال والے ! اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں۔ اسی کی بادشاہت ہے اور اسی کی تعریف۔ اور وہی ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔ کوئی طاقت و قوت اللہ کی توفیق کے بغیر کارگر نہیں۔ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ ہم اسی کی عبادت کرتے ہیں۔ نعمت و فضل اسی کا ہے اور اسی کے لئے عمدہ تعریف ہے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ ہماری عبادت اسی کے لئے خالص ہے اگرچہ کافروں کو ناگوار لگے۔ اے اللہ ! جو تو دے اسے کوئی روکنے والا نہیں، اور جو تو روک لے اسے کوئی دینے والا نہیں۔ اور کسی مالدار کو اس کا مال تیرے عذاب سے نہیں بچا سکتا۔
امام ہونے کی صورت میں تین بار"استغفراللہ " اور اللہم أنت السلام، ومنک السلام، تبارکتَ یاذالجلال والإکرام " پڑھنے کے بعد اسے مقتدیوں کی طرف متوجہ ہو جانا چاہئے۔ یہ نبیؐ کی سنت ہے۔ مقتدیوں کی طرف رخ کرتے وقت امام کا دائیں یا بائیں دونوں جانب سے مڑنا درست ہے۔ آپ سے دونوں صورتیں ثابت ہیں ۔
اسی طرح ہر فرض نماز کے بعد مندرجہ بالا اذکار کو پڑھنے کے بعد 33 بار" سبحان اللہ "33بار"الحمد للہ " 33بار"اللہ اکبر" اور آخر میں ایک بار"لا الہ الا اللہ وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد وھو على کل شیئ قدیر" پڑھنا بھی مستحب ہے، آپؐ نے اس کی ترغیب دلاتے ہوئے اسے بخشش و مغفرت کا سبب بتایا ہے۔
ایسے ہی ہر فرض نماز کے بعد اذکارمسنونہ سے فارغ ہو کر"آیت الکرسی" "قل ھواللہ أحد" "قل أعوذبرب الفلق" اور " قل أعوذبرب الناس" کا پڑھنا بھی مشروع ہے۔ مگر فجر اور مغرب کی نماز کے بعد نیزسونے کے وقت ان سورتوں کا تین تین بار پڑھنا مستحب ہے، جیساکہ صحیح حدیثوں سے ثابت ہے۔

سوال 37 :

موجودہ دور میں بہت سے مسلمان، یہاں تک کہ بعض اہل علم بھی جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنے میں سستی برتتے ہیں، اور دلیل میں یہ کہتے ہیں کہ بعض علماء جماعت کے وجوب کے قائل نہیں، سوال یہ ہے کہ نماز با جماعت کا حکم کیا ہے ؟ اور ایسے لوگوں کے لئے آپ کیا نصیحت فرماتے ہیں ؟

جواب :

اہل علم کے صحیح ترین قول کے مطابق مسجد میں مسلمانوں کے ساتھ با جماعت نماز ادا کرنا ہراس مرد پر واجب ہے جو اذان سنتا اور جماعت میں حاضر ہونے کی قدرت رکھتا ہو۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"جو شخص اذان سن کربلا کسی عذر کے مسجد نہ آئے تو اس کی نماز نہیں "
اس حدیث کو امام ابن ماجہ، دارقطنی، ابن حبان اور حاکم نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے۔
عبد اللہ بن عباسؓ سے اس حدیث میں مذکور"عذر " کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ کیا ہے ؟ تو انہوں نے فرمایا :خوف یا مرض ۔
صحیح مسلم میں ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیؐ کی خدمت میں ایک نابینا صحابی حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول ! مجھے مسجد لے جانے والا کوئی نہیں، تو کیا میرے لئے اجازت ہے کہ میں اپنے گھر میں نماز پڑھ لیا کروں ؟ آپ نے پوچھا : کیا تم اذان سنتے ہو ؟ کہا :ہاں، آپ نے فرمایا :پھرتومسجد میں آ کر نماز پڑھو۔
اور صحیحین میں ابوہریرہؓ ہی سے ایک دوسری روایت ہے کہ نبیؐ نے ارشاد فرمایا :
" میں نے ارادہ کیا کہ حکم دوں اور نماز قائم کی جائے اور کسی شخص کو مقرر کر دوں جو لوگوں کو نماز پڑھائے، پھر میں کچھ لوگوں کولے کر جن کے ساتھ لکڑیوں کے گھٹے ہوں، ان لوگوں کے پاس جاؤں جو جماعت میں حاضر نہیں ہوتے اور ان کے ساتھ ہی ان کے گھروں کو آگ لگا دوں "
یہ ساری حدیثیں نیز اس مفہوم کی دیگر احادیث اس بات کی واضح دلیل ہیں کہ نماز با جماعت مردوں کے حق میں واجب ہے اور جماعت سے پیچھے رہنے والا عبرتناک سزاکا مستحق ہے۔ اگرمسجد میں جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنا واجب نہ ہوتا تو جماعت سے پیچھے رہنے والاسزاکا مستحق نہ ہوتا۔
نیزمسجد میں جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنا اس لئے واجب ہے کہ یہ دین اسلام کا ایک عظیم ظاہری شعار ہے اور مسلمانوں کے لئے باہمی تعارف، الفت و محبت کے حصول اور بغض و عداوت کے خاتمہ کا سبب ہے اور اس لئے بھی کہ جماعت سے پیچھے رہنا منافقوں کی مشابہت ہے۔ پس ہر شخص پر جماعت کی پابندی واجب ہے، اور اس سلسلہ میں کسی کے اختلاف کا کوئی اعتبار نہیں۔ کیونکہ جو قول شرعی دلائل کے خلاف ہو وہ متروک اور ناقابل اعتماد ہے، اللہ تعالی کا ارشاد ہے :
یا أَیہَا الَّذِینَ آمَنُواْ أَطِیعُواْ اللّہَ وَأَطِیعُواْ الرَّسُولَ وَأُوْلِی الأَمْرِ مِنکمْ فَإِن تَنَازَعْتُمْ فِی شَیءٍ فَرُدُّوہُ إِلی اللّہِ وَالرَّسُولِ إِن کنتُمْ تُؤْمِنُونَ بِاللّہِ وَالْیوْمِ الآخِرِ ذَلِک خَیرٌ وَأَحْسَنُ تَأْوِیلاً (59) سورة النساء
اے ایمان والو! اللہ ورسول اور ولی امر کی اطاعت کرو، پس اگر تم کسی معاملہ میں باہم اختلاف کر بیٹھو تو اسے اللہ اور رسول کے حوالے کر دو، اگر تم اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتے ہو، یہی بہتر اور انجام کے لحاظ سے اچھا ہے اور فرمایا :
وَمَا اخْتَلَفْتُمْ فِیہِ مِن شَیءٍ فَحُکمُہُ إِلَی اللَّہِ (10) سورة الشوریٰ
اورجس بات میں تمہارا اختلاف ہو جائے تو اس کا فیصلہ اللہ کے حوالے ہے۔
نیز صحیح مسلم میں عبد اللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ہمیں یاد ہے کہ منافق یا بیمار کے علاوہ ہم میں سے کوئی شخص با جماعت نماز سے پیچھے نہیں رہتا تھا۔ یہاں تک کہ معذور شخص بھی دو آدمیوں کے کندھوں کے سہارے لایا جاتا اور صف میں کھڑا کر دیا جاتا تھا۔
یہ تھا صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا جماعت کی نماز کے لئے شوق و اہتمام کہ ان میں سے بیمار اور معذور شخص بھی جماعت سے پیچھے رہنا گوارا نہیں کرتا تھا، بلکہ دو آدمیوں کے کندھوں کے سہارے لایا جاتا اور صف میں کھڑا کر دیا جاتا۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 38 :

امام کے پیچھے قرأت کے سلسلہ میں علماء کی رائیں مختلف ہیں، اس سلسلہ میں صحیح کیا ہے ؟ اور کیا مقتدی کے لئے سورۃ فاتحہ پڑھنا واجب ہے ؟ اور اگر امام اپنی قرأت کے دوران سکتوں کا اہتمام نہ کرے تو پھر مقتدی سورہ فاتحہ کب پڑھے گا؟ اور کیا امام کے لئے سورہ فاتحہ سے فارغ ہونے کے بعد سکتہ کرنا مشروع ہے تاکہ مقتدی سورہ فاتحہ پڑھ لیں ؟

جواب :

درست بات یہ ہے کہ مقتدی کے لئے تمام نمازوں میں خواہ سری ہوں یا جہری سورۂ فاتحہ پڑھنا واجب ہے، کیونکہ نبیؐ کی یہ حدیث عام ہے :
"جو شخص سورۂ فاتحہ نہ پڑھے اس کی نماز نہیں "(متفق علیہ)
اور وہ حدیث بھی جس میں آپؐ نے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم سے دریافت فرمایا :
"شاید تم لوگ اپنے امام کے پیچھے قرأت کرتے ہو ؟ لوگوں نے جواب دیا :
ہاں، آپ نے فرمایا :سورۂ فاتحہ کے علاوہ اور کچھ نہ پڑھا کرو، کیونکہ جس نے سورۂ فاتحہ نہیں پڑھی اس کی نماز نہیں " (مسند احمد بسند صحیح)
مشروع یہ ہے کہ مقتدی سورہ فاتحہ کو امام کی قرأت کے دوران سکتوں میں پڑھے۔ اگر امام کی قرأت میں سکتوں کا اہتمام نہ ہو تو امام کی قرأت کے دوران ہی پڑھ لے، پھر خاموش ہو جائے۔
رہیں وہ دلیلیں جن سے امام کی قرأت کے وقت خاموش رہنے کا وجوب ثابت ہوتا ہے تو ان کے عموم سے سورۂ فاتحہ کا حکم مستثنی ٰ ہے۔ لیکن اگر کوئی مقتدی بھول کر، یا لاعلمی سے، یا غیر واجب سمجھ کراسے چھوڑ دے تو جمہور اہل علم کے نزدیک اس کے لئے امام کی قرأت کافی ہو گی، اور نماز صحیح ہو جائے گی۔ اسی طرح اگر کوئی شخص بحالت رکوع جماعت میں شامل ہو تو اس کی یہ رکعت پوری ہو جائے گی اور سورۂفاتحہ کی قرأت کا وجوب اس سے ساقط ہو جائے گا، کیونکہ اس نے قرأت کا وقت نہیں پایا۔ جیسا کہ ابو بکرہ ثقفیؓ کی حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ ایک بار نبیؐ رکوع میں تھے، اتنے میں یہ آئے اور صف تک پہنچنے سے پہلے ہی انہوں نے رکوع کر لیا، پھر صف میں شامل ہوئے، آپ نے سلام پھیرنے کے بعد انہیں نصیحت کرتے ہوئے فرمایا :
"اللہ تمہارے شوق کو زیادہ کرے مگر آئندہ ایسانہیں کرنا "(صحیح بخاری )
اس واقعہ میں آپ نے انہیں صف میں پہنچنے سے پہلے رکوع میں جانے پر تنبیہ فرمائی، مگراس رکعت کی قضا کا حکم نہیں دیا۔
مذکورہ بالا روایت سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جب کوئی شخص مسجد میں داخل ہو اور امام رکوع کی حالت میں ہو تو اسے صف میں شامل ہونے سے پہلے رکوع نہیں کرنا چاہئے۔ بلکہ اسے صبر و اطمینان کے ساتھ صف میں شامل ہونا چاہئے، اگرچہ رکوع فوت ہو جائے۔ کیونکہ نبیؐ کا ارشا د ہے ;
"جب نماز کے لئے آؤ تو سکون و وقار کے ساتھ چل کر آؤ، جو ملے اسے پڑھ لے، اور جو چھوٹ جائے اسے پوری کر لو"(مسلم)
رہی یہ حدیث کہ "جس کے لئے امام ہو تو امام کی قرأت، اس کی قرأت ہے " تو یہ اہل علم کے نزدیک ضعیف اور نا قابل حجت ہے، اور اگر صحیح بھی مان لیں تو سورۂفاتحہ کی قرأت سے مستثنیٰ ہو گی تاکہ حدیثوں کے درمیان تطبیق ہو جائے ۔
رہا امام کا سورہ فاتحہ پڑھ لینے کے بعد مقتدیوں کے لئے سکتہ کرنا، تو میرے علم کے مطابق اس سلسلہ میں کوئی حدیث ثابت نہیں۔ ان شاء اللہ مسئلہ میں وسعت ہے۔ سکتہ کرے یا نہ کرے، دونوں صورتوں میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، البتہ آپ سے دوسکتے ثابت ہیں۔ ایک تکبیر تحریمہ کے بعد جس میں دعاء ثنا پڑھی جاتی ہے، اور دوسرا قرأت سے فارغ ہونے کے بعد اور رکوع جانے سے پہلے۔ اور یہ ہلکا سا سکتہ ہے جو قرأت اور تکبیر کے درمیان فصل کرنے کے لئے ہوتا ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 39 :

صحیح حدیث میں پیاز، یا لہسن، یا گند نہ کھا کرمسجد آنے سے روکا گیا ہے، کیا اس حکم میں عام حرام و بدبو دار چیزیں مثلاً بیڑی سگریٹ وغیرہ بھی داخل ہیں ؟ اور کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ جس نے ان میں سے کوئی چیز استعما ل کر لی وہ جماعت سے پیچھے رہنے میں معذور ہے اور اس پر کوئی گناہ نہیں ؟

جواب :

رسول اللہؐ سے ثابت ہے کہ آپ نے ارشاد فرمایا :
" جو شخص پیازیالہسن کھائے وہ ہماری مسجد کے قریب ہر گز نہ آئے، بلکہ وہ اپنے گھر میں نماز پڑھ لے "
اور فرمایا :
"بیشک فرشتوں کو ان چیزوں سے تکلیف ہوتی ہے جن سے انسانوں کو تکلیف ہوتی ہے "
اور ہر بدبو دار چیز خواہ وہ بیڑی سگریٹ ہو، یا بغل کا پسینہ، یا اس کے علاوہ کوئی اور چیز جس سے بغل والے آدمی کو تکلیف پہنچتی ہو، اس کا حکم وہی ہے جو پیاز ولہسن کا ہے۔ ایسی حالت میں اس کا جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا مکروہ و ممنوع ہے، یہاں تک کہ کوئی چیز استعمال کر کے اس بدبو کو دور کر دے، بلکہ استطاعت رکھنے کی صورت میں اس بدبو کا دور کرنا واجب ہے، تاکہ وہ جماعت کے ساتھ نماز اداکرسکے۔
رہا بیڑی سگریٹ کا استعمال تو یہ مطلق حرام ہے۔ اور تمام اوقات میں اس سے پرہیز ضروری ہے، اس میں دینی، جسمانی اور مالی ہر طرح کے نقصانات موجود ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کے حالات کی اصلاح فرمائے اور انہیں بھلائی کی توفیق دے۔

سوال 40 :

صف کی ابتدا دائیں جانب سے کی جائے یا امام کے پیچھے سے ؟اور کیا دائیں اور بائیں دونوں جانب سے صف کا اسطرح برابر ہونا ضروری ہے کہ اس کے لئے یہ کہا جائے کہ صفیں برابر کر لو، جیساکہ بہت سے ائمہ کرتے ہیں ؟

جواب :

صف کی ابتدا امام کے قریب بیچ سے کی جائے گی، اور صف کا دایاں جانب اس کے بائیں جانب سے افضل ہے۔ اگر صف کے دائیں جانب کے لوگ زیادہ ہیں تو کوئی حرج نہیں۔ دونوں جانب میں توازن قائم کرنا خلاف سنت ہے۔ البتہ صف بناتے وقت یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ جب پہلی صف مکمل ہو جائے تب دوسری صف، اور جب دوسری صف مکمل ہو جائے تب تیسری صف بنائی جائے۔ کیونکہ اگلی صف کے مکمل ہونے سے پہلے دوسری صف کا بنانا درست نہیں ہے۔ رسولؐ کا یہی حکم ہے۔

سوال 41 :

متنفّل (نفل پڑھنے والے ) کے پیچھے مفترض (فرض پڑھنے والے ) کی نماز کا کیا حکم ہے ؟

جواب :

متنفل کے پیچھے مفترض کی نماز درست ہے، اس میں کوئی حرج نہیں، نبیؐ سے ثابت ہے کہ آپ نے صلاۃ خوف کی بعض صورتوں میں ایک گروہ کو دو رکعت نماز پڑھاکرسلام پھیرا۔ پھردوسرے گروہ کو دو رکعت نماز پڑھائی اور سلام پھیرا، پہلی دو رکعت آپ کے لئے فرض اور دوسری دو رکعت نفل تھی۔ اور دونوں صورتوں میں آپ کے پیچھے مقتدی مفترض تھے ۔
اسی طرح صحیحین میں معاذ بن جبلؓ سے روایت ہے کہ وہ عشاء کی نماز نبیؐ کے ساتھ پڑھتے، پھر اپنی قوم کے پاس جا کر دوبارہ انہیں یہی نماز پڑھاتے تھے، یہ نماز ان کے لئے نفل اور لوگوں کے لئے فرض ہوتی تھی۔
اسی طرح اگر کوئی شخص رمضان میں اس وقت مسجد میں آئے جب تراویح کے نماز شروع ہو چکی ہو اور اس نے عشاء کی نماز نہ پڑھی ہو، تو وہ عشاء کی نیت سے جماعت میں شامل ہو جائے اور امام کے سلام پھیرنے کے بعد باقی رکعتیں پوری کر لے۔ تاکہ اس طرح اسے جماعت کی فضیلت حاصل ہو جائے۔

سوال 42 :

صف کے پیچھے اکیلے کھڑے ہو کر نماز پڑھنے کا کیا حکم ہے .؟اور اگر کوئی شخص مسجد میں داخل ہو اور صف میں جگہ نہ پائے تو کیا کرے ؟ اور کیا نابالغ بچے کے ساتھ وہ صف بناسکتا ہے ؟

جواب :

صف کے پیچھے اکیلے کھڑے ہو کر نماز پڑھنا باطل ہے، نبیؐ کا ارشاد ہے :

"صف کے پیچھے اکیلے کھڑے ہونے والے کی نماز نہیں "

آپ سے یہ بھی ثابت ہے کہ ایک بار ایک شخص نے صف کے پیچھے تنہا کھڑے ہو کر نماز پڑھی، جب آپ کو معلوم ہوا تو اسے نماز دہرانے کا حکم دیا اور یہ نہیں پوچھا کہ صف میں جگہ ملی یا نہیں ملی۔
یہ واقعہ اس بات کی دلیل ہے کہ صف کے پیچھے تنہا کھڑے ہونے والا صف میں جگہ پائے یا نہ پائے، دونوں صورتوں میں اس کا حکم یکساں ہے۔ تاکہ اس سلسلہ میں سستی و کاہلی کا سد باب ہو جائے۔
البتہ اگر کوئی شخص اس وقت پہنچا جب امام رکوع میں ہے، چنانچہ صف سے پہلے اس نے رکوع کر لیا، پھرسجدہ سے پہلے پہلے صف میں شامل ہو گیا تو یہ اس کے لئے کافی ہو گا۔ جیساکہ صحیح بخاری میں ابوبکرہ ثقفیؓ سے مروی ہے کہ وہ ایک بار نماز کے لئے اس وقت پہنچے جب آپؐ رکوع میں تھے۔ چنانچہ صف میں پہنچنے سے پہلے رکوع کر لیا، پھر صف میں شامل ہوئے۔ آپ نے سلام پھیرنے کے بعد انہیں نصیحت کرتے ہوئے فرمایا :

" اللہ تمہارے شوق کو زیادہ کرے مگر آئندہ ایسا نہ کرنا"

اس واقعہ سے آپؐ نے انہیں اس رکعت کو لوٹانے کا حکم نہیں دیا۔
لیکن اگر کوئی شخص اس وقت پہنچے جب امام نماز کی حالت میں ہو اور صف میں اسے کہیں کوئی جگہ نہ ملے تو وہ انتظار کرے، یہاں تک کہ کوئی دوسرا شخص آ جائے۔ چاہے وہ سات سال یا اس سے زیادہ عمر کا بچہ ہی کیوں نہ ہو، پھراسکے ساتھ صف بنا لے۔ ورنہ امام کے دائیں جانب کھڑا ہو جائے۔
یہی اس باب میں وارد تمام حدیثوں کا خلاصہ ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو دین کی سمجھ بوجھ عطا کرے، نیزاس پر ثابت قدم رہنے کی توفیق بخشے، بے شک وہ سننے والا اور قریب ہے۔

سوال 43 :

کیا امام کے لئے امامت کی نیت کرنا شرط ہے ؟ اور اگر کوئی شخص مسجد میں داخل ہو اور کسی شخص کو نماز پڑھتا ہوا پائے تو کیا وہ اس کے ساتھ شامل ہو جائے ؟اور کیا مسبوق کی اقتدا میں نماز پڑھنا درست ہے ؟

جواب :

امامت کے لئے نیت شرط ہے۔ کیونکہ نبیؐ کا ارشاد ہے :

" اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے، اور ہر شخص کے لئے وہی ہے جو اس نے نیت کی ہے "

اگر کوئی شخص مسجد میں داخل ہواوراسکی جماعت چھوٹ گئی ہو اور کسی دوسرے شخص کو تنہا نماز پڑھتے ہوئے پائے، تو اس کے ساتھ مقتدی بن کر نماز پڑھنے میں کوئی حرج نہیں، بلکہ یہی افضل ہے۔ جیسا کہ ایک بار نبیؐ نے نماز ختم ہو جانے کے بعد ایک شخص کو مسجد میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا تو فرمایا :

"کیا کوئی شخص ہے جواس پر صدقہ کرے اور اس کے ساتھ نماز پڑھے "

ایسا کرنے سے دونوں کو جماعت کی فضیلت حاصل ہو جائے گی۔ لیکن جو نماز پڑھ چکا ہے اس کے لئے یہ نماز نفل ہو گی۔
معاذ بن جبلؓ نبیؐ کے ساتھ عشاء کی نماز پڑھتے، پھر اپنی قوم کے پاس واپس جا کر انہیں دوبارہ یہی نماز پڑھاتے تھے، یہ نماز ان کے لئے نفل اور لوگوں کیلئے فرض ہوتی تھی۔ اور نبیؐ کو جب معلوم ہوا تو آپ نے اسے برقرار رکھا۔ اسی طرح جس کی جماعت چھوٹ گئی ہو وہ جماعت کی فضیلت حاصل کرنے کے لئے مسبوق کی اقتدا میں نماز پڑھ سکتا ہے۔ اسمیں کوئی حرج نہیں۔ اور مسبوق کے سلام پھیرنے کے بعد وہ اپنی باقی نماز پوری کر لے۔ کیونکہ اس سلسلہ میں وارد حدیثیں عام ہیں اور یہ حکم تمام نمازوں کو عام ہے۔ کیونکہ نبیؐ نے جب ابو ذرؓ سے یہ ذکر کیا کہ آخری زمانہ میں ایسے امراء و حکام ہوں گے جو نمازیں بے وقت پڑھیں گے۔ تو انہیں حکم دیتے ہوئے فرمایا :

" تم نماز وقت پر پڑھ لیا کرنا، پھر اگر ان کے ساتھ نماز مل جائے تو ان کے ساتھ بھی پڑھ لینا، یہ تمہارے لئے نفل ہو جائے گی۔ مگر یہ نہ کہنا کہ میں نے تو نماز پڑھ لی ہے، لہذا اب میں نہیں پڑھتا۔ " واللہ ولی التوفیق۔

سوال 44 :

مسبوق نے جو رکعتیں امام کے ساتھ پائی ہیں، کیا یہ اس کی پہلی شمار کی جائیں گی یا آخری؟مثال کے طور پر اگر چار رکعت والی نماز میں سے دو رکعتیں فوت ہو گئی ہوں تو کیا وہ فوت شدہ دونوں رکعتوں میں سورۂ فاتحہ کے علاوہ کوئی اور سورت پڑھے گا؟

جواب :

صحیح بات یہ ہے کہ امام کے ساتھ مسبوق کو جتنی رکعتیں ملی ہیں وہ اس کی پہلی، اور جنہیں وہ بعد میں قضا کرے گا وہ اس کی آخری شمار کی جائیں گی، اور یہی حکم تمام نمازوں کا ہے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"جب نماز کھڑی ہو جائے تو سکون و وقار کے ساتھ چلو۔ جو ملے اسے پڑھ لو، اور جو چھوٹ جائے اسے پوری کر لو۔" (متفق علیہ)
بنا بریں چار رکعت والی نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں، اور مغرب کی تیسری رکعت میں صرف سورۂ فاتحہ پر اکتفاء کرنا مستحب ہے۔ جیسا کہ صحیحین میں ابوقتادہؓ سے مروی ہے کہ نبیؐ ظہر و عصر کی پہلی دو رکعتوں میں سورۂفاتحہ کے ساتھ کوئی سورت بھی پڑھتے تھے اور پہلی رکعت کی قرأت دوسری کی بہ نسبت لمبی ہوتی تھی، اور آخری دو رکعتوں میں صرف سورۂ فاتحہ پڑھتے تھے۔
لیکن اگر کبھی کبھار ظہر کی تیسری اور چوتھی رکعت میں سورہ فاتحہ کے ساتھ کوئی سورت پڑھ لی جائے تو بھی درست ہے، صحیح مسلم میں ابوسعید خدریؓ سے روایت ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ نبیؐ ظہر کی پہلی دو رکعتوں میں الم تنزیل السجدہ کے بقدر، اور آخری دو رکعتوں میں اس کی آدھی مقدار، نیز عصر کی پہلی دو رکعتوں میں ظہر کی آخری دو رکعتوں کے بقدر، اور عصر کی آخری دو رکعتوں میں اس کی آدھی مقدار تلاوت کرتے تھے ۔
لیکن یہ حدیث اس بات پر محمول کی جائے گی کہ آپ ایسا کبھی کبھار کرتے تھے، تاکہ دونوں حدیثوں کے درمیان تطبیق ہو جائے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 45 :

جمعہ کے دن بعض مسجدوں میں اتنی بھیڑ ہوتی ہے کہ بعض امام کی اقتدا میں راستوں اور سڑکوں پر نماز پڑھتے ہیں، اس سلسلہ میں آپ کی کیا رائے ہے ؟ نیز کبھی تو نماز یوں کے اور مسجد کے درمیان کوئی سڑک وغیرہ حائل ہوتی ہے، اور کبھی کوئی فاصلہ نہیں ہوتا، کیا مذکورہ دونوں صورتوں میں حکم یکساں ہے یا کوئی فرق ہے ؟

جواب :

اگر صفیں متصل ہوں اور ان کے درمیان کوئی فاصلہ نہ ہو تو کوئی حرج نہیں، اسی طرح اگرمسجد کے باہر والے مقتدی اپنے آگے کی صفوں کو دیکھ رہے ہوں، یا تکبیر کی آوازسن رہے ہوں، تب بھی کوئی حرج نہیں، بھلے ہی ان کے درمیان کوئی سڑک وغیرہ حائل ہو، کیونکہ جب وہ دیکھ کریا سن کربآسانی امام کی اقتدا کرسکتے ہیں تو جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا واجب ہے البتہ امام سے آگے کھڑے ہو کر نماز پڑھنا درست نہیں، کیونکہ یہ مقتدی کے کھڑے ہونے کی جگہ نہیں ہے، واللہ ولی التوفیق۔

سوال 46 :

اگر کوئی شخص امام کو رکوع کی حالت میں پائے تو اس وقت اس کے لئے کیا مشروع ہے ؟ کیا رکعت پانے کے لئے امام کے رکوع سے اٹھنے سے پہلے اس کے لئے " سبحان ربی العظیم " کہنا شرط ہے ؟

جواب :

مقتدی نے امام کو رکوع کی حالت میں پا لیا تو اس کی یہ رکعت پوری ہو جائے گی، بھلے ہی وہ امام کے رکوع سے اٹھنے سے پہلے "سبحان ربی العظیم" نہ کہہ سکے۔ کیونکہ نبیؐ کی یہ حدیث عام ہے :

" جس نے نماز کی ایک رکعت پالی تو اس نے نماز پا لی۔ (صحیح مسلم )

اور یہ معلوم ہے کہ رکوع پا لینے سے رکعت پوری ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ صحیح بخاری کی روایت ہے کہ ایک دن ابوبکرہ ثقفیؓ اس وقت مسجد پہنچے جب آپؐ رکوع میں تھے، چنانچہ صف میں پہنچنے سے پہلے انہوں نے رکوع کر لیا، پھر صف میں شامل ہوئے۔ آپ نے سلام پھیرنے کے بعد انہیں نصیحت کرتے ہوئے فرمایا :

"اللہ تمہارے شوق کو زیادہ کرے، مگر آئندہ ایسا نہیں کرنا"

آپ نے انہیں صف میں پہنچنے سے پہلے رکوع میں جانے سے منع فرمایا، مگراس رکعت کی قضا کا حکم نہیں دیا۔
پس جو شخص امام کو رکوع کی حالت میں پائے وہ جب تک صف میں نہ پہنچ جائے رکوع نہ کرے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 47 :

بعض ائمہ مسجد میں داخل ہونے والے کے رکعت پا لینے کا انتظار کرتے ہیں، جبکہ بعض یہ کہتے ہیں کہ انتظار مشروع نہیں، اس مسئلہ میں صحیح کیا ہے ؟

جواب :

نبیؐ کی اقتدا کرتے ہوئے تھوڑا سا انتظار کر لینا ہی درست ہے، تاکہ بعد میں آنے والا صف میں شامل ہو جائے ۔

سوال 48 :

جب کوئی شخص دویا دو سے زیادہ بچوں کی امامت کرے تو کیا انہیں اپنے پیچھے کھڑا کرے یا اپنے دائیں ؟ اور کیا بچوں کی صف بندی کے لئے بلوغت شرط ہے ؟

جواب :

اگر ان بچوں کی عمرسات سال یا اس سے زیادہ ہے تو وہ انہیں بڑوں کی طرح اپنے پیچھے کھڑا کرے۔ اسی طرح اگر ایک بچہ اور ایک بالغ شخص ہو، تب بھی وہ انہیں اپنے پیچھے ہی کھڑا کرے۔ کیونکہ نبیؐ نے انسؓ کی نانی کی زیارت کے موقعہ پر جب انس اور ایک دوسرے یتیم بچے کو نماز پڑھائی تو ان دونوں کو اپنے پیچھے کھڑا کیا تھا۔ اسی طرح انصار کے دو بچے جابر اور جبار نے جب آپکے ساتھ نماز ادا کی تو انہیں بھی آپ نے اپنے پیچھے ہی کھڑا کیا تھا۔
البتہ اگر ایک ہی شخص ہو تو وہ امام کے دائیں جانب کھڑا ہو گا، خواہ وہ بالغ ہویا بچہ۔ کیونکہ جب عبد اللہ بن عباس ؓ رات کی نماز میں آپ کے بائیں جانب کھڑے ہوئے تو آپ نے انہیں گھما کر اپنے دائیں جانب کھڑا کر لیا تھا ۔ اسی طرح انسؓ نے آپ کے ساتھ بعض نفل نماز پڑھی، تو آپ نے انہیں بھی اپنے دائیں جانب ہی کھڑاکیا تھا۔
لیکن اگر عورت ہے تواسے بہر حال مردوں کے پیچھے ہی کھڑا ہونا ہے۔ خواہ ایک ہو یا ایک سے زیادہ۔ کیونکہ عورت کے لئے امام کے ساتھ یا دیگر مردوں کے ساتھ صف بنانا جائز نہیں۔ کیونکہ جب نبیؐ نے انسؓ اور ایک یتیم بچہ کو نماز پڑھائی تو انس کی ماں ام سلیم کو ان دونوں کے پیچھے کھڑا کیا تھا۔

سوال 49 :

بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلی جماعت ختم ہو جانے کے بعد مسجد میں دوسری جماعت قائم کرنا جائز نہیں، کیا اس قول کی کوئی اصل ہے ؟ اور اس مسئلہ میں درست کیا ہے ؟

جواب :

میرے علم کے مطابق یہ قول نہ درست ہے اور نہ شریعت مطہرہ میں اس کی کوئی اصل ہے، بلکہ صحیح حدیث اس کے برخلاف دلالت کرتی ہے۔ جیساکہ نبیؐ کا ارشاد ہے :
"جماعت کی نماز پڑھ لینے کے بعد جب آپ نے ایک شخص کو مسجد میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا تو فرمایا :
"کیا کوئی شخص ہے جو اس پر صدقہ کرے اور اس کے ساتھ نماز پڑھے۔ "
لیکن کسی مسلمان کے لئے جماعت کی نماز سے پیچھے رہنا جائز نہیں، بلکہ اس کے اوپر واجب ہے کہ اذان سنتے ہی اس کی طرف سبقت کرے ۔

سوال 50 :

نماز کے دوران امام کا وضو ٹوٹ جائے تو وہ کیا کرے ؟کیا وہ کسی کو اپنا قائم مقام بنا دے جو لوگوں کی نماز مکمل کرائے ؟ یا سب کی نماز باطل ہو جائے گی اور وہ ازسرنوکسی کو نماز پڑھانے کا حکم دے دے؟

جواب :

ایسی صورت میں امام کے لئے مشروع یہ ہے کہ وہ کسی کو اپنا قائم مقام بنا دے جو لوگوں کی نماز مکمل کرائے۔ جیساکہ عمر بن خطابؓ نے کیا۔ جب نماز کی حالت میں انہیں نیزہ مارا گیا تو انہوں نے عبدالرحمن بن عوفؓ کو اپنا قائم مقام بنا دیا اور انہوں نے لوگوں کی نماز مکمل کرائی۔ اگر امام کسی کو آگے نہ بڑھاسکے تو لوگوں میں سے کسی کو خود آگے بڑھ کر باقی نماز پڑھا دینی چاہئے۔ اور اگر لوگوں نے نئے سرے سے نماز پڑھ لی تب بھی کوئی حرج نہیں۔ کیونکہ اس مسئلہ میں اہل علم کا اختلاف ہے۔ لیکن راجح یہی ہے کہ امام کسی کو آگے بڑھا دے۔ جیسا کہ ابھی ہم نے عمر بن خطابؓ کا فعل ذکر کیا ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 51 :

کیا امام کے ساتھ صرف سلام پا لینے سے جماعت کی فضیلت حاصل ہو جائے گی یا اس کے لئے کم از کم ایک رکعت کا پانا ضروری ہے ؟اور اگر چند لوگ مسجد میں اس وقت پہنچیں جب امام آخری تشہد میں ہو، تو کیا ان کے لئے امام کے ساتھ جماعت میں شامل ہو جانا افضل ہے یا امام کے سلام کا انتظار کر کے الگ جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا؟

جواب :

جماعت کی فضیلت حاصل کرنے کے لئے ایک رکعت کا پانا ضروری ہے۔ کیونکہ نبیؐ کا ارشاد ہے ;
"جس نے نماز کی ایک رکعت پالی تو اس نے نماز پا لی۔ "(صحیح مسلم)
لیکن اگرکسی شخص کے پاس کوئی شرعی عذر ہے تو اسے امام کے ساتھ نماز پڑھے بغیر بھی جماعت کی فضیلت حاصل ہو جائے گی۔ چنانچہ نبیؐ کا ارشاد ہے :
" جب بندہ بیمار ہوتا ہے یاسفرکی حالت میں ہوتا ہے تو اللہ اس کے لئے وہی عمل لکھتا ہے جسے وہ اپنی صحت اور قیام کی حالت میں کیا کرتا تھا۔" (صحیح بخاری)
اور غزوہ تبوک کے موقع پر آپ نے ارشاد فرمایا :
" بیشک مدینہ میں کچھ ایسے لوگ ہیں جنہیں عذر نے روک رکھا ہے، تم نے جب بھی کوئی مسافت یا وادی طے کی ہے تو وہ تمہارے ساتھ رہے ہیں "
ایک دوسری روایت میں ہے :
" وہ تمہارے ساتھ اجر میں شریک رہے ہیں۔ "(متفق علیہ )
جب لوگ امام کو آخری تشہد میں پائیں تو ان کے لئے امام کے ساتھ جماعت میں شامل ہو جانا افضل ہے، کیونکہ نبیؐ کی یہ حدیث عام ہے :
جب تم نماز کے لئے آؤ توسکون و وقار کے ساتھ آؤ، جو ملے اسے پڑھ لو، اور جو چھوٹ جائے اسے پوری کر لو۔"(متفق علیہ )

لیکن اگر انہوں نے الگ جماعت کے ساتھ نماز پڑھ لی، تب بھی انشاءاللہ کوئی حرج نہیں۔

سوال 52 :

دیکھا جاتا ہے کہ بعض لوگ نماز فجر کی اقامت ہو جانے کے بعد مسجد آتے ہیں، تو پہلے فجر کی دو رکعت سنت پڑھتے ہیں پھر جماعت میں شامل ہوتے ہیں، تو اس کا کیا حکم ہے ؟ اور کیا فجر کی چھوٹی ہوئی سنت نماز فجر کے فوراً بعد پڑھنا افضل ہے یا طلوع آفتاب کا انتظار کر لینے کے بعد ؟

جواب :

جو شخص اقامت ہو جانے کے بعد مسجد میں آئے اس کے لئے کوئی سنت یا تحیۃ المسجد وغیرہ پڑھنا جائز نہیں، بلکہ اس پر واجب ہے کہ وہ امام کے ساتھ نماز میں شامل ہو جائے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :

"جب نماز کی اقامت ہو جائے تو اب اس فرض نماز کے علاوہ کوئی دوسری نماز نہیں " (صحیح مسلم)

اور یہ حدیث نماز فجر ہی نہیں بلکہ تمام نمازوں کو شامل ہے۔ فجر کی چھوٹی ہوئی سنت فرض نماز کے فوراً بعد، یا طلوع آفتاب کے بعد دونوں طرح پڑھی جاسکتی ہے۔ مگر بہتر یہ ہے کہ طلوع آفتاب کے بعد پڑھی جائے، نبیؐ سے دونوں صورتیں ثابت ہیں۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 53 :

ایک شخص نے ہماری امامت کی اور صرف دائیں جانب سلام پھیرا، کیا ایک ہی سلام پر اکتفا کرنا جائز ہے ؟ اور کیا حدیث میں اس سلسلہ میں کوئی چیز وارد ہے ؟

جواب :

جمہور اہل علم کے نزدیک ایک سلام کافی ہے، کیونکہ بعض حدیثوں میں یہ چیز وارد ہے۔ لیکن علماء کی ایک جماعت کے نزدیک دوسلام ضروری ہے کیونکہ نبیؐ سے اس سلسلہ میں بہت ساری حدیثیں وارد ہیں، اور آپ کا ارشاد ہے :
"
تم اسی طرح نماز پڑھو جیسا مجھے پڑھتے ہوئے دیکھا ہے "(صحیح بخاری )

اور یہی دوسراقول ہی درست ہے رہا ایک سلام کے کافی ہونے کا قول تو یہ کمزور ہے، کیونکہ اس سلسلہ میں وارد تمام حدیثیں ضعیف ہیں۔ نیز ان کی دلالت مبہم اور غیر واضح ہے، اور اگر انہیں صحیح مان بھی لیا جائے تو یہ شاذ ہیں۔ کیونکہ یہ ان حدیثوں کی مخالف ہیں جوان سے زیادہ صحیح، ثابت اور صریح ہیں۔ لیکن اگرکسی نے لاعلمی و جہالت کی وجہ سے، یا اس سلسلہ میں وارد حدیثوں کو صحیح سمجھ کرایساکرلیا،تواسکی نماز صحیح ہو جائے گی۔واللہ ولی التوفیق۔

سوال 54 :

ایک شخص امام کے ساتھ جماعت میں شامل ہوا اور اسے دو رکعتیں ملیں، مگر بعد میں پتہ چلا کہ امام نے بھول کر پانچ رکعتیں پڑھا دی ہیں، تو کیا وہ امام کے ساتھ پڑھی ہوئی اس زائد رکعت کو شمار کر کے بعد میں صرف دو رکعت پوری کرے، یا اسے لغوسمجھ کر تین رکعت پڑھے ؟

جواب :

درست یہ ہے کہ وہ اس کا شمار نہ کرے، کیونکہ یہ رکعت شرعی اعتبارسے غیر معتبر ہے۔اور جسے معلوم ہو جائے کہ یہ رکعت زائد ہے وہ اس میں امام کی متابعت نہ کرے، اور مسبوق بھی اس رکعت کا شمار نہ کرے۔
بنا بریں ایسے شخص پر تین رکعت کی قضا کرنا واجب ہے، کیونکہ درحقیقت اسے امام کے ساتھ ایک ہی رکعت ملی ہے۔ واللہ ولی التوفیق ۔

سوال 55 :

کسی امام نے لوگوں کو بھول کر بے وضو نماز پڑھا دی، اور اسے نماز کے دوران یا سلام پھیرنے کے بعد، لوگوں کے منتشر ہونے سے پہلے، یا لوگوں کے منتشر ہو جانے کے بعد یاد آیا تو ان مذکورہ حالات میں اس نماز کا کیا حکم ہے ؟

جواب:

اگراسے سلام پھیرنے کے بعد یاد آیا خواہ لوگ موجود ہوں یا منتشر ہو گئے ہوں، تو لوگوں کی نماز صحیح ہو جائے گی۔ لیکن امام کو اپنی نماز دہرانا ہو گی۔
اوراگراسے نماز کے دوران ہی یاد آگیا، توایسی حالت میں علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق وہ کسی کو آگے بڑھا دے، جو انہیں باقی نماز پڑھائے۔ جیساکہ عمر بن خطابؓ کو جب نیزہ مارا گیا تو انہوں نے عبد الرحمن بن عوفؓ کو آگے بڑھا دیا۔ چنانچہ انہوں نے لوگوں کو نماز پڑھائی، اور نماز کا اعادہ نہیں کیا۔

سوال 56 :

جو شخص بیڑی سگریٹ پیتا یا داڑھی مونڈتا یا ازار کو ٹخنوں سے نیچے لٹکا کے رکھتا ہو یا اسی قسم کی اور کسی معصیت کا ارتکاب کرتا ہو اس کی امامت کا کیا حکم ہے ؟

جواب :

اگر وہ اللہ کے مشروع کردہ طریقہ پر نماز ادا کرتا ہے تو اہل علم کے اجماع کے مطابق اس کی نماز درست ہے۔ نیز اگر وہ لوگوں کا امام ہے تو اس کی اقتدا میں پڑھنے والوں کی نماز بھی علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق درست ہے۔
رہا کافر شخص نہ تو خود اس کی نماز درست ہو گی، اور نہ اس کی اقتدا میں پڑھنے والوں کی، کیونکہ نماز کی صحت کے لئے اسلام بنیادی شرط ہے، واللہ ولی التوفیق۔

سوال 57 :

یہ معلوم ہے کہ مقتدی اگر اکیلا ہو تو وہ امام کے دائیں جانب کھڑا ہو گا، تو کیا اس کے لئے امام سے کچھ پیچھے ہٹ کر کھڑا ہونا مشروع ہے، جیسا کہ بعض لوگ کیا کرتے ہیں ؟

جواب :
مقتدی اگر اکیلا ہوتواسکے لئے مشروع ہے کہ وہ امام کے دائیں جانب اس کے برابر میں کھڑا ہو۔ امام سے کچھ پیچھے ہٹ کر کھڑے ہونے کی کوئی دلیل نہیں۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 58 :

کسی کو نماز میں یہ شک ہو جائے کہ اس نے تین رکعتیں پڑھی ہیں یا چار، تو ایسی صورت میں وہ کیا کرے ؟

جواب :

شک کی حالت میں اسے یقین پر بنا کرنا چاہئے اور وہ کمتر عدد ہے۔ یعنی مذکورہ صورت میں تین رکعت مان کر ایک رکعت اور پڑھے، پھرسجدہ سہوکر کے سلام پھیرے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :

"جب تم میں سے کسی کو نماز میں شک ہو جائے اور یاد نہ رہے کہ اس نے تین رکعت پڑھی ہے یا چار، تو وہ شک کو چھوڑ کر یقین پر بنا کرے۔ اور سلام پھیرنے سے پہلے وہ سجدۂ سہوکرے۔ اگر اس نے پانچ پڑھ لی ہیں تو یہ دوسجدے مل کر چھ رکعتیں ہو جائیں گی، اور اگر چار ہی پڑھی ہیں تو یہ دونوں سجدے شیطان کی رسوائی کا سبب ہوں گے۔ "(صحیح مسلم، بروایت ابوسعید خدریؓ )

لیکن اگراسے مذکورہ دونوں پہلوؤں میں سے کسی ایک پہلو کا غالب گمان ہے تو وہ اپنے گمان غالب پراعتماد کرے اور سلام پھیرنے کے بعد دوسجدہ سہو کرے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :

" جب تم میں سے کسی کو نماز میں شک ہو جائے تو وہ صحیح پہلو کی جستجو کر کے اپنی نماز پوری کر لے، پھرسلام پھیرنے کے بعد سہو کے دوسجدے کر لے " (صحیح بخاری بروایت عبد اللہ بن مسعودؓ)

سوال 59 :

بعض ائمہ سلام پھیرنے کے بعد سجدہ سہوکرتے ہیں، اور بعض سلام پھیرنے سے پہلے۔ اور بعض کبھی سلام سے پہلے کرتے ہیں اور کبھی سلام کے بعد۔ سوال یہ ہے کہ سجدہ سہو کب سلام سے پہلے مشروع ہے اور کب سلام کے بعد؟ نیز سلام سے پہلے یا سلام کے بعد سجدہ سہو کی مشروعیت بطور وجوب ہے یا بطوراستحباب؟

جواب :

مسئلہ میں گنجائش ہے، سلام سے پہلے کی اور سلام کے بعد کی دونوں صورتیں صحیح ہیں۔ کیونکہ نبیؐ سے دونوں طرح کی حدیثیں وارد ہیں، لیکن دو صورتوں کو چھوڑ کر باقی تمام صورتوں میں سلام سے پہلے سجدہ سہو کرنا افضل ہے، اور وہ دونوں صورتیں درج ذیل ہیں :
1- جب نماز ی ایک یا ایک سے زیادہ رکعتیں بھول کرسلام پھیر دے، توایسی صورت میں اسے نبیؐ کی اقتدا کرتے ہوئے نماز کی کمی پوری کر کے سلام پھیرنے کے بعد سجدۂ سہوکرنا افضل ہے، کیونکہ نبیؐ نے ابو ہریرہؓ کی حدیث کے مطابق دو رکعتیں بھول کر، اور عمران بن حصین کی حدیث کے مطابق ایک رکعت بھول کر جب سلام پھیر دیا تو نماز کی کمی پوری کر کے سلام پھیرنے کے بعد سجدۂ سہو کیا تھا۔
2- جب نماز ی کو شک ہو جائے اور یہ یاد نہ رہے کہ اس نے تین رکعت پڑھی ہیں یا چار، اگر نماز چار رکعت والی ہے، یادو پڑھی ہیں یا تین اگر نماز مغرب کی ہے، یا ایک پڑھی ہے یا دو اگر نماز فجر کی ہے۔ لیکن اسے مذکورہ دونوں پہلوؤں میں سے کسی ایک پہلو کا غالب گمان ہے، توایسی صورت میں وہ اپنے گمان غالب پراعتماد کر کے سلام پھیرنے کے بعد سجدۂ سہو کرے۔ جیساکہ عبد اللہ بن مسعودؓ کی حدیث سے ثابت ہوتا ہے جو جواب نمبر58 کے تحت گزر چکی ہے۔
سلام سے پہلے یا سلام کے بعد سجدہ سہو کی یہ مشروعیت واجب نہیں، بلکہ فضیلت واستحباب کے طور پر ہے۔

سوال 60 :

مسبوق سے اگر نماز میں بھول چوک ہو جائے تو کیا وہ سجدہ سہوکرے، اور کب کرے ؟ نیز مقتدی سے اگر بھول چوک ہو جائے تو کیا اسے سجدۂ سہو کرنا ہے ؟

جواب :

مقتدی سے اگر نماز میں بھول چوک ہو جائے اور شروع سے وہ امام کے ساتھ جماعت میں شامل ہے تو اسے سجدۂ سہو نہیں کرنا ہے، بلکہ اس کے اوپر امام کی اقتدا واجب ہے۔ لیکن جومسبوق بعد میں جماعت میں شامل ہوا ہو وہ اپنی نماز کا فوت شدہ حصہ پورا کرنے کے بعد سجدۂ سہوکرے، جیساکہ سوال نمبر58 اور 59 کے جواب میں گزر چکا ہے، خواہ اس کی یہ بھول چوک امام کے ساتھ ہوئی ہو۔ یا بعد میں فوت شدہ نماز کی قضا کرنے کی حالت میں۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 61 :

اگرکسی نے چار رکعت والی نماز کی آخری دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ کے ساتھ کوئی سورت پڑھ دی، یاسجدہ میں قرأت کر دی، یا دونوں سجدوں کے درمیان "سبحان ربی العظیم " پڑھ دیا، یا سری نماز میں بلند آواز یا جہری نماز میں آہستہ قرأت کر دی، تو کیا ان حالات میں اس کے لئے سجدۂ سہو کرنا مشروع ہے ؟

جواب :

اگرکسی نے چار رکعت والی نماز کی آخری دونوں رکعتوں میں یا ایک ہی رکعت میں بھول کر ایک یا چند آیتیں یا کوئی سورت پڑھ دی تو اس کے لئے سجدۂ سہو مشروع نہیں۔ کیونکہ نبیؐ سے ثابت ہے کہ آپ ظہر کی تیسری اور چوتھی رکعت میں بسا اوقات سورۂ فاتحہ کے ساتھ کوئی سورت بھی پڑھ لیا کرتے تھے، نیز آپ نے اس امیر کی تعریف فرمائی جو اپنی نماز کی تمام رکعتوں میں سورۂ فاتحہ کے بعد " قل ھو اللہ أحد" پڑھا کرتے تھے، لیکن معمول کے مطابق آپ تیسری اور چوتھی رکعت میں صرف سورۂ فاتحہ ہی پڑھتے تھے۔ جیسا کہ صحیحین میں ابوقتادہؓ کی حدیث سے ثابت ہے۔
اور ابو بکر صدیقؓ سے ثابت ہے کہ انہوں نے ایک بار مغرب کی تیسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد اس آیت کی قرأت کی :

رَبَّنَا لاَ تُزِغْ قُلُوبَنَا بَعْدَ إِذْ ہَدَیتَنَا وَہَبْ لَنَا مِن لَّدُنک رَحْمَہ إِنَّک أَنتَ الْوَہَّابُ (8) سورة آل عمران

ان ساری دلیلوں سے یہ ثابت ہوا کہ مسئلہ میں گنجائش ہے۔
اگرکسی نے رکوع یا سجود میں بھول کر قرآن کی قرأت کر دی تواسے سجدۂ سہو کرنا ہے۔ کیونکہ رکوع اور سجود میں عمداً قرآن کی قرأت جائز نہیں۔ نبیؐ نے اس سے منع فرمایا ہے۔ لہذا اگر بھول سے کسی نے ایسا کر دیا تو اس پرسجدۂ سہو واجب ہے۔
اسی طرح اگر رکوع میں "سبحان ربی العظیم "کے بجائے "سبحان ربی الأعلی" یا سجدہ میں "سبحان ربی الأعلی" کے بجائے "سبحان ربی العظیم " کہہ دی، تب بھی سجدہ سہوواجب ہے۔ کیونکہ یہ تسبیحات واجب ہیں، اور واجب کے چھوٹنے پرسجدۂ سہو ضروری ہوتا ہے۔ لیکن اگرکسی نے رکوع اور سجود میں "سبحان ربی العظیم" اور "سبحان ربی الأعلی " دونوں کہہ دیا تو سجدۂ سہو ضروری نہیں، اگر کر لیا تو کوئی حرج بھی نہیں۔ کیونکہ اس سلسلہ میں وارد دلائل عام ہیں، یہ حکم امام، منفرد اور مسبوق کا ہے، لیکن جو مقتدی شروع ہی سے امام کے ساتھ جماعت میں شامل ہواسے ان حالات میں سجدہ سہونہیں کرنا ہے، بلکہ اس کے اوپر امام کی اقتدا واجب ہے۔
اسی طرح اگرکسی نے سری نماز میں بلند آواز سے یا جہری نماز میں آہستہ سے قرأت کر دی تب بھی سجدہ سہو ضروری نہیں۔ کیونکہ نبیؐ کبھی کبھی سری نمازوں میں جہر فرماتے تھے، یہاں تک کہ لوگوں کو بعض آیتیں سنائی دیتی تھیں۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 62 :

بعض لوگ جمع اور قصر کو لازم و ملزوم سمجھتے ہیں، یعنی یہ کہ بغیر قصر کے جمع نہیں اور بغیر جمع کے قصر نہیں، اس سلسلہ میں آپ کی کیا رائے ہے ؟ اور کیا مسافرکی لئے قصر کرنا افضل ہے یا جمع اور قصر دونوں ؟

جواب :

اللہ نے قصر صرف مسافرکے لئے مشروع کیا ہے، اور اس کے لئے جمع کرنا بھی جائز ہے۔ مگر دونوں میں کوئی تلازم نہیں۔ وہ بغیر جمع کے بھی قصرکرسکتا ہے، بلکہ اگر وہ کسی جگہ ٹھہرا ہوا ہے توایسی حالت میں جمع نہ کرنا ہی افضل ہے۔ جیسا کہ نبیؐ نے حجۃ الوداع کے موقع پر منیٰ میں بغیر جمع کے قصر کیا، اور غزوۂ تبوک کے موقعہ پر قصر و جمع دونوں کیا۔ پس معلوم ہوا کہ مسئلہ میں وسعت ہے، نیز آپؐ جب سفرمیں کہیں قیام پذیر نہیں ہوتے بلکہ چل رہے ہوتے تو جمع اور قصر دونوں کرتے تھے۔
رہا دو نمازوں کے مابین جمع کرنا، تو اس میں قصر کے بہ نسبت زیادہ گنجائش ہے۔ یہ جس طرح مسافرکے لئے جائز ہے اسی طرح مریض کے لئے، نیز بارش کے موقع پر مغرب و عشاء کے درمیان اور ظہر و عصر کے درمیان مسجدوں میں عام مسلمانوں کے لئے بھی جائز ہے۔ مگر قصر صرف مسافرکے لئے خاص ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 63 :

ایک شخص ابھی شہر ہی میں ہے کہ نماز کا وقت ہو گیا، پھر وہ نماز ادا کئے بغیرسفرکے لئے نکل پڑا، تو کیا اس کے لئے قصر اور جمع کرنا درست ہے یا نہیں ؟ ایسے ہی ایک شخص نے ظہر و عصر کی نمازیں سفرمیں قصر اور جمع کے ساتھ پڑھ لیں پھر وہ عصر کے وقت ہی میں شہر پہنچ گیا۔ تو کیا اس کا یہ فعل درست ہے، جبکہ قصر اور جمع کرتے وقت اسے یہ معلوم تھا کہ وہ دوسری نماز کے وقت میں شہر پہنچ جائے گا ؟

جواب :

اگر کوئی شخص ابھی شہر ہی میں ہے کہ نماز کا وقت ہو گیا اور نماز پڑھے بغیر کوچ کر دیا تو علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق شہر کی آبادی سے الگ ہونے کے بعد اس کے لئے قصر کرنا مشروع ہے۔ اور یہی جمہور کا قول ہے۔
اسی طرح جس نے سفرمیں دو نمازیں قصر اور جمع کے ساتھ پڑھ لیں، پھر وہ دوسری نماز کا وقت ہونے سے پہلے، یا اس کے وقت ہی میں شہر پہنچ گیا تواب اسے دوبارہ نماز پڑھنا ضروری نہیں۔ کیونکہ وہ شرعی طریقہ پر نماز ادا کر چکا ہے۔ اور اگر لوگوں کے ساتھ دوبارہ نماز پڑھ لی تو یہ اس کے لئے نفل ہو جائے گی۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 64 :

جس سفرمیں قصر کرنا جائز ہے اس کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے ؟ کیا اس کی مسافت کی کوئی مقدار متعین ہے ؟ اور اگر کوئی شخص اپنے سفرمیں چار دن سے زیادہ قیام کا ارادہ رکھتا ہو تو کیا وہ قصر کی رخصت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے ؟

جواب :

جس سفرمیں قصر کرنا جائز ہے اس کی مقدار جمہور اہل علم کے نزدیک اونٹ اور پیدل کی رفتارسے ایک دن اور ایک رات ہے۔ جوتقریباًاسّی(80)کلو میٹر ہوتا ہے، کیونکہ عرف عام میں کم از کم اتنی ہی مسافت پرسفرکا اطلاق ہوتا ہے۔
جمہور اہل علم کے نزدیک اگر کوئی شخص سفرمیں چار دن سے زیادہ قیام کا ارادہ رکھتا ہو تو اس پر پوری نماز پڑھنا، اور اگر رمضان کا مہینہ ہے تو روزہ رکھنا واجب ہے۔ اس کے برعکس اگر قیام کی مدت اس سے کم ہے تو قصر، جمع اور افطارسب اس کے لئے جائز ہیں۔ کیونکہ مقیم کے حق میں اصل اتمام (پوری نماز پڑھنا ) ہی ہے۔ قصر تو در حقیقت اس کے لئے مشروع ہے جب وہ سفرشروع کر دے۔ نیز نبیؐ سے ثابت ہے کہ آپ نے حجۃ الوداع کے موقع پر مکہ میں چار دن قیام کیا اور اس دوران قصر کے ساتھ نماز پڑھتے رہے۔ پھر منىٰ اور عرفات کی طرف روانہ ہوئے، آپ کا یہ فعل واضح دلیل ہے کہ جس شخص کا ارادہ چار دن یا اس سے کم قیام کا ہو اس کے لئے قصر کرنا جائز ہے۔
رہا فتح مکہ کے سال آپ کا انیس دن، اور غزوہ تبوک کے موقع پربیس دن کا قیام اور اس دوران نماز قصر کرنا، تو جمہور اہل علم کے نزدیک دین کے لئے احتیاط اور اصل حکم (یعنی مقیم کے لئے ظہر ، عصر اور عشاء کی چار چار رکعت کی فرضیت) پر عمل کے پیش نظراسے اس بات پر محمول کیا جائے گا کہ آپ کا ارادہ پہلے سے اتنی مدت کے لئے قیام کا نہیں تھا۔ بلکہ ایک ایسے سبب کی بنا پر آپ نے قیام کیا جسکی مدت نامعلوم تھی۔
لیکن اگرکسی کا قیام کا ارادہ نہیں ہے اور اسے یہ بھی معلوم نہیں کہ وہ وہاں سے کب کوچ کرے گا، تو جب تک وہ اپنے وطن واپس نہ آ جائے اس کے لئے قصر، جمع اور افطارسب جائز ہے۔ بھلے ہی اس کے قیام کی مدت چار دن سے زیادہ ہو جائے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 65 :

آج کل شہروں میں بارش کے موقع پر مغرب و عشاء کے درمیان جمع کرنے کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے، جب کہ سڑکیں اور راستے روشن اور ہموار ہیں، اور مسجد جانے میں نہ تو کوئی دشواری ہے نہ کیچڑ؟

جواب :

علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق بارش کے موقع پر مغرب و عشاء کے درمیان اور ظہر و عصر کے درمیان جمع کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ بشرطیکہ بارش ایسی ہو جس میں مسجد جانے میں دشواری ہو، اسی طرح اس وقت بھی جمع کرنا جائز ہے جب راستے میں کیچڑاورسیلاب ہو، کیونکہ یہ مشقت کا سبب ہیں، اور اس کی دلیل صحیحین کی وہ حدیث ہے جو ابن عباسؓ سے مروی ہے کہ نبیؐ نے ایک بار مدینہ میں ظہر و عصر کے درمیان اور مغرب و عشاء کے درمیان جمع کیا۔ اور صحیح مسلم کی روایت میں اتنا اضافہ ہے : "بغیرکسی خوف، یا بارش، یاسفرکے "
یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ صحابہ رضی اللہ عنہم کے نزدیک یہ بات معروف تھی کہ بارش اور خوف بھی سفرکی طرح دو نمازوں کے درمیان جمع کرنے کے لئے عذر ہیں، البتہ حالت قیام میں صرف جمع کرنا جائز ہے قصر نہیں۔ کیونکہ قصرمسافرکے لئے خاص ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 66 :

کیا دو نمازوں کے درمیان جمع کرنے کے لئے نیت شرط ہے ؟ کیونکہ بہت سے لوگ جمع کی نیت کے بغیر مغرب کی نماز ادا کر لیتے ہیں، پھر باہم مشورہ کر کے بطور جمع عشاء کی نماز پڑھتے ہیں ؟

جواب :

اس سلسلہ میں علماء کا اختلاف ہے، لیکن راجح یہ ہے کہ پہلی نماز شروع کرتے وقت نیت شرط نہیں ہے۔ لہذا پہلی نماز سے فارغ ہونے کے بعد جمع کرنا جائز ہے بشرطیکہ خوف، بیماری، یا بارش میں سے کوئی سبب موجود ہو۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 67 :

کیا دو نمازوں کے درمیان جمع کرتے وقت تسلسل ضروری ہے ؟ کیونکہ بعض لوگ نمازوں کے درمیان جمع کرنے کے لئے تھوڑا سا انتظار کرتے ہیں پھر جمع کرتے ہیں۔ اس کا کیا حکم ہے ؟

جواب :

جمع تقدیم کی صورت میں دونوں نمازوں کے درمیان تسلسل ضروری ہے، اگر تھوڑا سا فاصلہ بھی ہو جائے تو کوئی حرج نہیں۔ کیونکہ نبیؐ سے یہ چیز ثابت ہے۔ اور آپؐ کا ارشاد ہے :

تم اس طرح نماز پڑھو جس طرح مجھے پڑھتے ہوئے دیکھا ہے۔ "
اور صحیح بات یہ ہے کہ جمع کے لئے نیت شرط نہیں جیساکہ جواب نمبر66میں اس کا بیان گزر چکا ہے۔
رہا جمع تاخیر، تواسمیں گنجائش ہے کیونکہ اس صورت میں دوسری نماز اپنے وقت پر پڑھی جاتی ہے۔ لیکن نبیؐ کی اقتدا میں تسلسل سے پڑھنا افضل ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 68 :

اگر ہم سفرمیں ہوں اور ظہر کے وقت ہمارا گزرکسی مسجد سے ہو، تو کیا ہم ظہر کی نماز اس مسجد کی جماعت کے ساتھ پڑھیں اور پھر عصر کی نماز الگ قصر کے ساتھ پڑھیں، یا ہم اپنی دونوں نمازیں الگ پڑھیں۔ ہمارے لئے مستحب کیا ہے ؟ اور اگر ہم نے ظہر کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھ لی تو کیا تسلسل قائم رکھنے کے لئے سلام پھیرنے کے بعد فوراً عصر کی نماز کے لئے کھڑے ہوں گے، یا ذکراورتسبیح و تہلیل سے فارغ ہونے کے بعد پڑھیں گے ؟

جواب :

افضل یہ ہے کہ آپ لوگ اپنی نمازیں الگ قصر کے ساتھ پڑھیں، کیونکہ مسافرکے لئے چار رکعت والی نماز میں قصر کرنا ہی سنت ہے۔ اور اگر آپ مقیم لوگوں کی جماعت کے ساتھ نماز پڑھ رہے ہوں تو پوری نماز پڑھنا ضروری ہے، جیساکہ صحیح حدیثوں سے ثابت ہے۔ اور اگر آپ کا ارادہ جمع کرنے کا ہے توسنت پر عمل کرتے ہوئے تین بار"استغفراللہ "اور"اللہم أنت السلام ومنک السلام، تبارکت یاذالجلال والإکرام "پڑھنے کے بعد فوراً اس کے لئے کھڑا ہو جانا مشروع ہے، جیساکہ جواب نمبر67میں اس کا بیان گزر چکا ہے ۔
لیکن اگر کوئی شخص سفرمیں اکیلا ہو تواس پر واجب ہے کہ وہ لوگوں کی جماعت کے ساتھ پوری نماز پڑھے۔ کیونکہ جماعت کے ساتھ نماز ادا کرنا واجب ہے اور نماز کا قصرمستحب ہے اور واجب کو مستحب پر مقدم کرنا ضروری ہے۔ وباللہ التوفیق۔

سوال69 :

مسافرکے پیچھے مقیم کی نماز اور مقیم کے پیچھے مسافرکی نماز کا کیا حکم ہے ؟ اور کیا مسافرکے لئے ایسی حالت میں قصر کرنا درست ہے خواہ وہ امام ہویا مقتدی ؟

جواب :

مقیم کے پیچھے مسافرکی نماز ہو، یامسافرکے پیچھے مقیم کی نماز ، دونوں صورتوں میں کوئی حرج نہیں۔ لیکن اگرمسافرمقتدی، اور مقیم امام ہو تو مسافرکو امام کی اقتدا میں پوری نماز پڑھنا ضروری ہے۔ جیساکہ مسند امام احمد اور صحیح مسلم میں عبد اللہ بن عباسؓ سے مروی ہے کہ ان سے مقیم کے پیچھے مسافرکی چار رکعت نماز کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہی سنت ہے ۔
اگر مقیم مقتدی، اور مسافرامام ہوتوایسی صورت میں مسافرچاررکعت والی نمازیں قصر کرے گا اور مقیم سلام پھیرنے کے بعد اپنی باقی نماز پوری کرے گا۔

سوال 70 :

بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ بارش کے موقع پر مغرب و عشاء کے درمیان جمع کرتے وقت بعض لوگ کچھ دیرسے اس وقت آتے ہیں جب امام عشاء کی نماز میں ہوتا ہے، پھر مغرب کی نماز سمجھ کروہ جماعت میں شامل ہو جاتے ہیں، اب انہیں کیا کرنا چاہئے ؟

جواب :

انہیں چاہئے کہ تیسری رکعت کے بعد بیٹھ جائیں، اور تشہد اور دوسری دعائیں پڑھیں، اور جب امام سلام پھیرے تو اس کے ساتھ سلام پھیریں، پھراسکے بعد عشاء کی نماز پڑھیں، تاکہ نمازوں کی ترتیب جو واجب ہے باقی رہے اور جماعت کی فضیلت حاصل ہو جائے۔
اور اگر ان کی ایک رکعت چھوٹ گئی ہو تو وہ امام کے ساتھ باقی نماز مغرب کی نیت سے پڑھ لیں۔ یہی ان کے لئے مغرب کے قائم مقام ہو جائے گی۔ اگر ایک سے زیادہ رکعتیں چھوٹی ہوئی ہیں تو امام کے ساتھ جتنی ملے وہ پڑھ لیں، اور جو چھوٹ گئی ہیں ان کی قضا کر لیں ۔اسطرح اگر انہیں یہ معلوم بھی ہو کہ امام عشاء کی نماز میں ہے تب بھی وہ علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق امام کے ساتھ مغرب کی نیت سے شامل ہو جائیں اور بعد میں عشاء کی نماز پڑھ لیں۔

سوال71 :

سفرمیں قصر کرتے وقت سنن موکدہ پڑھی جائیں یا نہ پڑھی جائیں، اس سلسلہ میں لوگوں کی رائیں مختلف ہیں۔ بعض کا کہنا ہے کہ ان کا پڑھنا مستحب ہے، جب کہ بعض کی رائے ہے کہ جب فرض نماز کم کر دی گئی تواب انہیں پڑھنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اس سلسلہ میں اور اسی طرح مطلق نفل نماز جیسے تہجد کے سلسلہ میں آپ کی کیا رائے ہے ؟

جواب :

مسافرکے لئے سنت یہ ہے کہ وہ ظہر ، مغرب اور عشاء کی سنتیں چھوڑ دے، لیکن نبیؐ کی اقتدا میں فجر کی سنت پڑھے۔
اسی طرح سفرمیں تہجد اور وتر بھی اس کے لئے مشروع ہے، کیونکہ نبی ؐایسا کیا کرتے تھے اور یہی حکم تمام مطلق اور سبب والی نفل نمازوں کا بھی ہے۔
جیسے چاشت کی نماز ، تحیۃ الوضو، اور نماز کسوف وغیرہ اسی طرح سجدہ تلاوت اور جب مسجد میں نماز یا کسی اور غرض سے داخل ہو تو تحیۃ المسجد بھی مشروع ہیں۔

سوال 72 :

کیا سجدۂتلاوت کے لئے طہارت شرط ہے ؟ اور نماز کی حالت میں ہویا نماز سے باہر کیا سجدہ میں جاتے وقت، اور اٹھتے وقت اللہ اکبر کہنا مشروع ہے ؟ اور اس سجدہ میں کیا پڑھا جائے گا ؟ نیز وہ دعا جواس سلسلہ میں وارد ہے کیا صحیح ہے ؟ اور اگر یہ سجدہ نماز سے باہر ہو تو کیا سجدہ سے اٹھنے کے بعد سلام پھیرنا مشروع ہے ؟

جواب: علماء کے صحیح ترین قول کے مطابق سجدہ تلاوت کے لئے طہارت شرط نہیں، اور نہ اس میں سلام پھیرنا ہے اور نہ ہی سجدہ سے اٹھتے وقت تکبیر کہنا ہے، البتہ سجدہ جاتے وقت تکبیر کہنا مشروع ہے۔ جیساکہ عبد اللہ بن عمرؓ کی حدیث سے ثابت ہے۔
لیکن اگرسجدہ تلاوت نماز میں ہو تو سجدہ جاتے وقت اور سجدہ سے اٹھتے وقت اللہ اکبر کہنا واجب ہے۔ نبیؐ نماز میں جب جھکتے اور اٹھتے تو اللہ اکبر کہتے تھے۔ اور آپ کا ارشاد ہے :

"تم نماز اسی طرح پڑھو جس طرح مجھے پڑھتے ہوئے دیکھا ہے "(صحیح بخاری)

سجدۂ تلاوت میں وہی دعائیں پڑھی جائیں گی جو نماز کے سجدوں کے لئے مشروع ہیں۔ کیونکہ اس سلسلہ میں وارد حدیثیں عام ہیں، انہی دعاؤں میں سے ایک دعا یہ بھی ہے :

اللہم لک سجدتُ، وبِک آمنتُ، ولک أسلمتُ، سجد وجہی للذی خلقہ وصوَّرہ وشقَّ سمعَہ وبصرَہ بحولہ وقُّوّتہ، فتبارک اللہ ُ أحسنُ الخالقینَ"

"الہی تیرے ہی لئے میں نے سجدہ کیا، تجھی پر ایمان لایا اور تیری ہی میں نے تابعداری کی، میرے چہرے نے اس ہستی کو سجدہ کیا جس نے اسے پیدا کیا، اسے اچھی صورت عطا کی، اور اپنی طاقت و قدرت سے اسمیں کان اور آنکھیں بنائیں۔ اللہ کی ذات بابرکت ہے جو بہترین تخلیق کرنے والا ہے "

صحیح مسلم میں علیؓ سے روایت ہے کہ نبیؐ یہ دعا نماز کے سجدہ میں پڑھتے تھے۔ اور ابھی یہ بات گزر چکی ہے کہ سجدۂ تلاوت میں وہی دعائیں مشروع ہیں جو نماز کے سجدے میں مشروع ہیں۔
نیز نبیؐ سے مروی ہے کہ آپ سجدۂ تلاوت میں یہ دعا پڑھتے تھے :

"اللہم اکتٌب لی بہا عندک اجْراً، وامْحُ عنی بہا وزرًا، واجْعلہا لی عندک ذُخراً، وتقبَّلہا منی کما تقبَّلتَہا من عبد ک داؤدَ علیہ السلام "

"الہی تو اس سجدہ کے بدلے میرے نامۂ اعمال میں نیکی لکھ دے، میرے گناہ کو مٹا دے، اسے میرے لئے اپنے پاس ذخیرہ کر دے، اور تو مجھ سے اسے اسی طرح قبول کر لے جس طرح تو نے اپنے بندہ داؤد علیہ السلام سے قبول کیا ہے۔ "

سجدۂ تلاوت میں نماز کے سجدوں کی طرح " سبحان ربی الأعلی " کہنا واجب ہے، اور اس کے علاوہ دوسری دعاؤں کا پڑھنا مستحب ہے۔ سجدۂ تلاوت نماز میں ہو یا نماز سے باہرسنت ہے واجب نہیں۔ جیساکہ زید بن ثابت اور عمر بن خطاب رضی اللہ عنہم کی حدیثوں سے ثابت ہوتا ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 73 :

بسا اوقات نماز عصر کے بعد سورج میں گرہن لگ جاتا ہے، تو کیا ممنوع اوقات میں نماز کسوف اور اسی طرح تحیۃ المسجد وغیرہ پڑھنا درست ہے ؟

جواب :

مذکورہ دونوں مسئلوں میں اہل علم کے درمیان اختلاف ہے، مگر راجح اور درست قول یہ ہے کہ پڑھنا جائز ہے۔ کیونکہ نماز کسوف اور تحیۃ المسجد سبب والی نمازوں میں سے ہے جو دیگر اوقات کی طرح نماز عصر اور نماز فجر کے بعد ممنوع اوقات میں بھی مشروع ہیں۔ کیونکہ آپؐ کا قول عام ہے۔ نبیؐ کا ارشاد ہے :
" بے شک سورج اور چاند اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں، کسی کے موت و حیات سے ان میں گرہن نہیں لگتا ہے۔ تو جب تم ایسا دیکھو تو نماز پڑھو اور دعا کرو۔ یہاں تک کہ تمہارے اوپرسے یہ کیفیت دور ہو جائے۔"(متفق علیہ)
اور فرمایا :

" جب تم میں سے کوئی شخص مسجد میں داخل ہو تو جب تک دو رکعت نماز نہ پڑھ لے نہ بیٹھے۔ " (متفق علیہ )
یہی حکم طواف کی دو رکعتوں کا بھی ہے جب کوئی شخص نماز فجر اور نماز عصر کے بعد خانۂ کعبہ کا طواف کرے۔ جیسا کہ نبیؐ کا ارشاد ہے :

" اے عبد مناف کے بیٹو! رات ہو یا دن جس وقت بھی کوئی شخص اس گھرکا طواف کرنا اور نماز ادا کرنا چاہے، اسے مت روکو۔" (اس حدیث کو امام احمد اور اصحاب سنن اربعہ نے صحیح سند کے ساتھ جبیر بن مطعمؓ سے روایت کیا ہے ۔)

سوال 74 :

جن احادیث میں نماز کے آخر میں ذکر و دعا کی ترغیب آئی ہے وہاں "دبر"کا لفظ استعمال ہوا ہے،
سوال یہ ہے کہ "دبر" سے کیا مراد ہے، کیا سلام پھیرنے سے پہلے نماز کا آخری حصہ یا سلام پھیرنے کے بعد؟

جواب :

دبر کا اطلاق کبھی سلام کے پہلے نماز کے آخری حصہ پر، اور کبھی سلام پھیرنے کے فوراً بعد پر ہوتا ہے۔ جیسا کہ صحیح حدیثوں میں وارد ہے، مگر اکثر حدیثیں جو دعا کے تعلق سے وارد ہیں ان میں دبرسے مراد سلام کے پہلے نماز کا آخری حصہ ہے۔ مثلاً عبد اللہ بن مسعودؓ کی حدیث جس میں نبیؐ نے انہیں دعائے تشہد سکھلاتے ہوئے فرمایا :
"پھر وہ اپنی پسند کی کوئی دعا اختیار کرے اور مانگے۔ "
اور ایک حدیث میں یوں ہے :
" پھر وہ جو مانگنا چاہے مانگے۔ "( متفق علیہ)
اسی طرح معاذ بن جبلؓ کی حدیث بھی، جس میں نبیؐ نے ان سے فرمایا :
ٰاے معاذ! تم ہر نماز کے آخر میں یہ دعا پڑھنا نہ بھولو" اللہم أعنی علی ذکرک وشکرک حسن عبادتک "
اے اللہ ! تو اپنے ذکر، شکر اور اپنی اچھی عبادت کی مجھے توفیق عطا فرما " (ابوداؤد، ترمذی نسائی بسند صحیح )
اسی طرح سعد بن ابی وقاصؓ کی حدیث جس میں بیان کرتے ہیں کہ نبیؐ ہر نماز کے آخر میں یہ دعا پڑھتے تھے :
اللہم ٰإنی أعوذبک من البخل، وأعوذبک من الجبن، وأعوذبک من أن أردَّ إلی أرذل العمر، وأعوذبک من فتنۃ الدنیا ومن عذاب القبر"
"الہی میں بخل سے، بزدلی سے، گھٹیا عمرسے، دنیا کی آزمائش سے، اور قبر کے عذاب سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔ " (صحیح بخاری)
رہے اس موقع پر وارد اذکار، تو صحیح حدیثوں سے ثابت ہے کہ یہ سلام پھیرنے کے بعد پڑھے جائیں گے، اور یہ اذکار درج ذیل ہیں :
" استغفراللہ، استغفراللہ، استغفراللہ، اللہم أنت السلام، ومنک السلام، تبارکتَ یا ذالجلال والإکرام "
"میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں، میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں، میں اللہ سے بخشش چاہتا ہوں، اے اللہ ! توسلامتی والا ہے، اور تجھی سے سلامتی ہے، تو برکت والا ہے اے عظمت وجلا ل والے !
یہ ذکر امام، مقتدی اور منفرد سب پڑھیں گے، مگر امام یہ دعا پڑھنے کے بعد اپنا چہرہ مقتدیوں کی طرف کر لے گا۔ اور اس کے بعد درج ذیل اذکار پڑھے جائیں :
" لا إلہ إلا اللہ وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد، وہوعلى کل شیئ قدیر، لاحول ولا قوة إلا باللہ، لآ إلہ إلا اللہ، ولا نعبد إلا إیاہ، لہ النعمة، ولہ الفضل، ولہ الثناء الحسن، لآ إلہ إلا اللہ مخلصین لہ الدین ولو کرہ الکافرون، اللہم لا مانع لما أعطیتَ، ولا معطی لما منعتَ، ولا ینفع ذاالجَدِّ منک الجدُّ"
"اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، وہ اکیلا ہے۔ اس کا کوئی شریک نہیں۔ اسی کی بادشاہت ہے اور اسی کی تعریف، اور وہ ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔ اللہ کی توفیق کے بغیر کوئی طاقت اور قوت کارگر نہیں۔ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ ہم اسی کی عبادت کرتے ہیں۔ نعمت و فضل اسی کا ہے، اور اسی کے لئے عمدہ تعریف۔ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ ہماری عبادت اسی کے لئے خالص ہے۔ اگرچہ کافروں کو نا گوار لگے۔ الٰہی ! جو تو دے اسے کوئی روکنے والا نہیں، اور جو تو روک لے اسے کوئی دینے والا نہیں۔ اور کسی مالدار کو اس کا مال تیرے عذاب سے بچا نہیں سکتا۔ "
مذکورہ بالا اذکار کو ہر فرض نماز کے بعد پڑھنا ہرمسلمان مرد و عورت کے لئے مستحب ہے۔ پھراسکے بعد 33 بار"سبحان اللہ " 33بار"الحمد للہ " 33بار" اللہ اکبر" اور آخر میں ایک بار لا الہ الا اللہ وحدہ لا شریک لہ، لہ الملک، ولہ الحمد، وھو على کل شیئ قدیر"کہے، یہ سارے اذکار صحیح حدیثوں سے ثابت ہیں۔
اسکے بعد ہر فرض نماز کے بعد ایک ایک بار"آیت الکرسی" "قل ھواللہ أحد" "قل أعوذ برب الفلق " "قل أعوذ برب الناس" آہستہ آوازسے پڑھنا مستحب ہے۔ مگر فجر اور مغرب کی نمازوں میں مذکورہ بالا تینوں سورتوں کا تین تین بار پڑھنا مستحب ہے۔ اسی طرح مغرب اور فجر کی نمازوں کے بعد " لا الہ الا اللہ وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک، ولہ الحمد، یحی ویمیت، وھوعلى کل شیئ قدیر" کا آیت الکرسی اور تینوں سورتوں کے پہلے دس دس بار پڑھنا مستحب ہے۔ جیساکہ صحیح حدیثوں سے ثابت ہے۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال 75 :

فرض نمازوں کے بعد ایک مخصوص طریقہ پر اجتماعی ذکر کا کیا حکم ہے، جیساکہ بعض لوگ کرتے ہیں ؟ اور کیا بلند آوازسے ذکر کرنا مسنون ہے یا آہستہ سے ؟

جواب :

پنجوقتہ نمازوں اور نماز جمعہ سے سلام پھیرنے کے بعد بلند آوازسے ذکر کرنا مسنون ہے۔ جیساکہ صحیحین میں عبد اللہ بن عباسؓ سے مروی ہے کہ عہد نبوی میں لوگ فرض نماز سے سلام پھیرنے کے بعد بلند آوازسے ذکر کرتے تھے۔ ابن عباسؓ کہتے ہیں کہ میں لوگوں کے ذکر کی آواز سن کر یہ جان لیتا تھا کہ نما ز ختم ہو چکی ہے۔ رہا اجتماعی طورپراس طریقہ سے ذکر کرنا کہ شروع سے آخر تک ہر شخص اپنی آوازدوسرے کی آوازسے ملا کر رٹ لگائے تواس کی کوئی اصل نہیں۔ بلکہ یہ کام بدعت ہے۔ مشروع یہ ہے کہ سب لوگ اللہ کا ذکر کریں مگر شروع میں یا آخر میں آواز کو ملا نے کا قصد نہ ہو۔ واللہ ولی التوفیق۔

سوال76 :

کوئی شخص بھول کر نماز میں بات کر لے تو کیا اس کی نماز باطل ہو جائے گی ؟

جواب :

اگر کوئی شخص بھول کریا جہالت و لاعلمی کی بنا پر نماز میں بات کر لے تو اس سے اس کی نماز باطل نہیں ہو گی، خواہ فرض نماز ہو یا نفل۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے :

رَبَّنَا لاَ تُؤَاخِذْنَا إِن نَّسِینَا أَوْ أَخْطَأْنَا (286) سورة البقرة

اے ہمارے رب! ہم اگر بھول گئے، یا غلط کر بیٹھے تو اس پر ہماری گرفت نہ فرما۔

اور صحیح حدیث میں نبی ؐسے ثابت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کے جواب میں فرمایا :

" میں نے تمہاری بات قبول کر لی۔ "

نیز صحیح مسلم میں معاویہ بن حکم سلمیؓ سے روایت ہے کہ ایک بار انہوں نے لاعلمی کی بنا پر نماز کی حالت میں کسی چھینکنے والے کے جواب میں " یرحمک اللہ " کہہ دیا تو ان کے آس پاس کے لوگوں نے اشاروں سے ان کے اس فعل کی تردید کی۔ جب انہوں نے اس سلسلہ میں نبیؐ سے دریافت کیا تو آپ نے انہیں نماز دہرانے کا حکم نہیں دیا۔ اور بھولنے والا نہ جاننے والے ہی کی طرح بلکہ اس سے بھی بڑھ کر ہے، اور اس لئے بھی کہ خود نبیؐ نے بھول کر نماز میں بات کی اور نماز کو نہیں دہرایا۔ بلکہ اسی نماز کو مکمل فرما لیا۔ جیساکہ صحیحین میں ابوہریرہؓ سے ذوالیدین صحابی کے واقعہ میں موجود ہے۔ نیز صحیح مسلم میں عمران بن حصین اور ابن مسعود رضی اللہ عنہم کی حدیثوں سے ثابت ہے ۔
رہا نماز کے دوران اشارہ کرنا، تو اگر ضرورت پرایسا کر لے تو کوئی حرج نہیں۔ واللہ ولی التوفیق۔
٭٭٭

ماخذ:
http://d1.islamhouse.com/data/ur/ih_fatawa/
پروف ریڈنگ اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

نماز سے متعلق اہم فتاوے