آن لائن مکمل کتاب دستیاب ہے (38,512 الفاظ)

نصیبوں والیاں اور دوسری کہانیاں

اسد محمد خاں

جمع و ترتیب: اعجاز عبید

نَربَدا

ابھی کوئی کہتا تھا کہ ساوَنت اور دلاور ختم ہوتے جا رہے ہیں۔ Endangered Species میں سے ہیں۔ یہ بھی سنا تھا کہ بالکل ختم ہو گئے، ڈوڈو پرندے کی طرح۔ اور اگر کہیں اُن کا ذکر ملتا ہے تو بس افسانوں کہانیوں میں۔ مارکیٹ اکونومی اور کنزیومر ازم اور احتیاج اور ازلی خود غرضی اور خونی بواسیر اور ریموٹ کنٹرول نے اُنھیں بالآخر نمٹا دیا، اس لیے اُن پر اصرار کرنا anachronism پر اصرار کرنا ہے۔
چلیے یوں ہی سہی... ذکر کرنے میں تو کچھ نہیں جاتا۔ اس لیے آئیے ذکر کرتے ہیں ساوَنتوں کا۔ ایک کہانی جوڑتے ہیں۔
تو پہلے اُس کا ڈھانچا کھڑا کر لیا جائے۔ زمانہ، جگہیں، لوگ:
زمانہ؟ وہی جو مجھے کہانیاں سنانے کے لیے اچھا لگتا ہے __Sur Interregnum __ بلکہ خود فرید خان شیر شاہ سوری کی بادشاہت کے ساڑھے چار برس کہ جب اُس نے سات آٹھ سو کوس لمبی ایک شاہ راہ بنوائی، زمینوں کا اِنصرام درست کیا اور ہند کے شورش زدہ علاقوں میں امن قائم کیا تھا اور اپنی تلوار اور تدبّر سے فتنہ انگیزیوں کا خاتمہ کر کے خلقت کے لیے خدا کی زمین رہنے لائق بنا دی تھی۔
جگہیں؟ جگہوں میں دریا، پہاڑ، مسطّح میدان، چھوٹی بستیاں، گاؤں، جنھیں جاننا اچّھا لگتا ہے۔
تو لیجیے، دریا... مگر دریا کو آدمی اور آدمی کو دریا دو سو برس میں اپناتا ہے اور کہیں پان سو برس میں جا کے دوست بناتا ہے۔ میرا اپنا دریا کوئی نہیں، اس لیے لیجیے، میرے پُرکھوں کا اپنایا ہوا دریا نَربَدا۔ (نرَبَ دا میّا!)
اور پہاڑ؟ سَت پُڑا، یا پھر سموچا وِندھیاچل۔ (جَے وِندھیا!)
اور بستی؟ مانڈو، جسے فارسی میں مَندو لکھا اور بولا جاتا تھا۔ اور ایک گاؤں، بہت چھوٹا سا گاؤں، تَل وَنڈی (جسے فارسی بولتے ہوے مغل "تَل وَند" پکارتے تھے۔ جیسے پچاس گھروں کا گاؤں نہ ہوا اَلوند، ہلمند ہو گیا۔)
اور لوگ؟ دو راج پُوت باپ بیٹے، نارنگ اور سارنگ __ کنور بِکرم نارنگ سنگھ اُوجّینی اور کنور بِکرم سارنگ سنگھ اُوجّینی۔ اور ایک نوعمر لڑکی، کہ جیسی ساوَنتی کہانیوں میں لڑکیوں کو ہونا چاہیے: بلند قامت، گوری چٹّی، مظلوم __ یا شاید مظلوم نہیں۔ اور چار حرام زادے ٹھگ۔ اور بہت سے پِٹے پِٹائے محروم لوگ، اور صاحبِ ثروت با اختیار لوگوں کے بے اختیار lackies اور زر خرید پَنڈے اور جی حضوریے اور دوسرے حشرات الارض۔
ہمارے پرِنسی پَل کردار __ ساوَنت اور لڑکی اور ٹھگ __ خاندیش سے آتے ہوے دریا پار کریں گے اور دریا کے پاس ہی بسے اُس گاؤں تل ونڈی میں رُکیں گے اور اگر گئے تو آگے شمال کی طرف مانڈو کو روانہ ہو جائیں گے۔ یعنی یہ منصوبہ ہے۔ کیوں کہ خاندیش کے کھیت مزدوروں کے قافلے کے قافلے مانڈو پہنچ رہے تھے۔ ویسے شیر شاہی بندوبست (کم رفتاری سے ہی سہی) خاندیش کے بدحال مزارعوں تک پہنچنا شروع ہو گیا تھا۔ اُن کے بادشاہ میاں مبارک شاہ نے سلطانِ عادل کی اطاعت قبول کر لی تھی اور اپنی بیٹی کا ڈولا شیر شاہی حرم میں پہنچا دیا تھا۔ مگر بادشاہوں کے دستور کے مطابق شیر شاہ نے مبارک شاہ کی بیٹی کو ملکہ نہیں بنایا۔ فرمان جاری ہوا کہ یہ شاہ زادی اب سلطانِ عادل کی منھ بولی بیٹی ہے، اِسے ملک مالوہ بُندیل کھنڈ کے فلاں علاقے میں خاصے کے فلاں فلاں گاؤں عطا کیے جاتے ہیں۔ اس طرح خاندیش والوں نے خواب دیکھنا شروع کر دیے کہ ملک پنجاب و دوآبہ کی طرح اُن کے کھیتوں میں بھی اب سونا اُگنے لگے گا۔
پرانے خوش حال علاقوں کی طرف نقل مکانی شروع ہو گئی۔ خاندیش میں جن کے پاس ایک بِیگھے زمین تک نہ ہو گی اُنھیں امید تھی کہ سلطانی قلمرو میں چند روز میں اپنی محنت سے وہ ایک کھیت، ایک باڑے کے تو مالک بن ہی جائیں گے۔
تو اب... آگے چلتے ہیں۔
خاندیش کے میکھی بار علاقے کے مفلوک الحال کسانوں کی ایک خراب و خستہ بیل گاڑی۔ بیل گاڑی کو بھُک مَرے بیلوں کی جوڑی چیونٹی کی رفتار سے کھینچتی ہوئی دریا کی طرف لے جانے کا جتن کر رہی ہے۔
اِس بیل گاڑی میں وہ تینوں سوار ہیں __ بڈّھا بکرم نارنگ سنگھ، اُس کا بیٹا بکرم سارنگ سنگھ اور وہ لڑکی۔
نارنگ سنگھ کو پرانا دَمہ تھا۔ بیٹے نے بارہ پندرہ دن سے ڈاڑھی کو اُسترا نہیں لگایا تھا، باپ کے سامنے بیٹھ کر اُسترا چلانا اُسے اچھا نہیں لگتا تھا۔ ہاں اپنی مونچھوں کو آنکھ بچا کے وہ کبھی تاؤ ضرور دے لیتا تھا۔ لڑکی کے شانے پر تلوار کا پُرانا زخم تھا __ پانچ چھ دن پرانا۔
لڑکھڑاتی ہوئی بیل گاڑی گڑواٹ پکڑے پکڑے برگد کے ایک چھَتنار کے نیچے پہنچ کر رُک گئی۔ یہاں جا بہ جا بےقاعدہ چولھے بنے تھے اور نئے پرانے الاؤوں کے نشان تھے۔
گاڑی رُکتے ہی لڑکا سارنگ ٹھِیے سے اٹّھا اور تکیے کی مُوٹھ پر ہتھیلی جما کے پھُرتی سے اُلٹی چھلانگ لگاتا زمین پر آ کھڑا ہوا۔ اُس نے یہ سب دکھاوے کے لیے نہیں کیا تھا۔ ایک پہر سے وہ گاڑی ہانکتا ہوا آیا تھا تو گاڑی کی ماٹھی چال نے ہاتھ پیروں میں آلکس بھر دی تھی، اُس سے پیچھا چھڑانا ضروری تھا۔ اب اُس نے پچھلے تختے سے بندھا مشکیزہ کھولا اور باپ کو پانی پلایا۔ بوڑھے نے اوک سے پانی پیا تھا۔ لڑکی اُسے محویت سے دیکھ رہی تھی۔ بوڑھے نے ایک قطرہ بھی نہ گرنے دیا۔ پانی پی کر اُس نے گیلے ہاتھوں سے اپنا چہرہ تَر کیا اور دھیرے سے کہا، "مااائے بھَوانی!"
لڑکے نے مشکیزہ لڑکی کی طرف بڑھایا تو وہ سٹپٹا گئی۔ بولی، "کوئی برتن، آبخورہ... پانی کے لیے کچھ نہیں تمھارے پاس؟"
لڑکے نے انکار میں سر ہلایا۔ بولا، "ٹوٹ گیا تھا۔ پھینک دیا۔ اوک سے پی لو۔"
لڑکی کہنے لگی، "مجھے نہیں آتا۔ ہم لوگ تمھاری طرح اوک سے نہیں پیتے۔" پھر جلدی سے بولی، "ہم پی نہیں سکتے۔ بہت سا پانی گرا دیتے ہیں۔ آتا نہیں پینا۔"
لڑکا مسکرا دیا۔ بونگے پن سے بولا، "تو چھاگل سے منھ لگا کے پی لو۔"
بوڑھے نے، جو ابھی تک بے تعلقی سے دونوں کی باتیں سن رہا تھا، پہلو بدلا اور منھ سے غرّاہٹ کی آواز نکالی۔ لڑکی انکار میں سر ہلاتے ہوے جلدی جلدی کہنے لگی، "نہیں نہیں۔ مشکیزہ جوٹھا ہو جائے گا۔ بتایا تو ہے۔ میں تمھاری قوم سے نہیں ہوں۔"
"تو کیا ہوا۔ پر ہاں، ٹھیک کہتی ہو۔ بابا کے لیے جوٹھا ہو جائے گا۔"
"اور تمھارے لیے بھی۔"
اُس نے انکار میں سر ہلایا۔ "ناں۔ میرے لیے نہیں۔" یہ کہہ کے وہ گاڑی میں بچھے پیال میں اِدھر اُدھر ہاتھ مارنے لگا۔ لڑکی کو اس کی بات عجیب لگی تھی تو وہ اس کی طرف دیکھنے لگی، مگر لڑکے کے چہرے پہ سادگی تھی۔ وہ سمجھ گئی کہ بات میں کوئی پینترا نہیں ہے۔
بوڑھے نے پوچھا، "ارے کیا ڈھونڈ را ہے رے؟"
لڑکا جھونجھل سے بولا، "ایک گڑوی بھی تو تھی اپنے پاس؟"
بوڑھے نے گہری سانس بھری، "ہاں یہ رہی۔ پر اس میں تو نمک کی ڈلی بھر دی ہے۔"
"لاؤ اِدھر دو۔"
بوڑھے نے پیتل کی گڑوی لڑکے کی طرف بڑھائی۔ "لے، پر کرے گا کیا؟" اتنی سی بات میں اُس کا سانس پھُول گیا۔
"دیکھتے جاؤ،" کہہ کر لڑکے نے گڑوی اپنے انگوچھے پہ اُلٹ لی، اُسے کپڑے سے صاف کر کے مشکیزے سے پانی لے لڑکی کی طرف بڑھا دیا۔
لڑکی بہت پیاسی تھی۔ سارا پانی پی گئی۔
لڑکے نے پوچھا، "اَور چیّے؟"
"نہیں،" وہ بولی۔ "ابھی بہت دور جانا ہے۔ چار چھ کوس آگے ملے گا دریا۔ بیچ میں کوئی کنواں باؤلی بھی نہیں۔"
لڑکے نے پانی پینا شروع کر دیا تھا۔
پانی پی چکا تو اُس نے گیلی ہتھیلیوں سے اپنے پپوٹے مَلے اور کہا، "ہاہا... کیا مَجے کا پانی ہے!" پھر بولا، "ای جگے تمھاری دیکھی بھالی ہے؟"
"ہُوں۔"
"کیسے؟"
"میرے بابا مَلّو خان کے بندوبست میں... اہلکار تھے۔"
مَلّو خان کبھی مانڈو کا حکمراں تھا۔ شیر شاہ کے سالار شجاعت خان سُوری نے اُسے کھدیڑ کے گجرات میں پناہ لینے پہ مجبور کر دیا تھا۔ بوڑھے نے، جو منھ پہ چادر ڈالے پیال پر گٹھری بنا ہانپ رہا تھا، سر اٹھایا اور لڑکی کو کڑی نظروں سے دیکھا۔ "کیا تھے تیرے باپ؟ ... ملّو کھان کے پاس کیا کرتے تھے؟"
جواب دینے سے پہلے لڑکی نے لڑکے کی طرف دیکھا۔ اُس نے سر کے اشارے سے تسلّی دی کہ گھبراؤ مت۔ لڑکی بولی، "شحنہ تھے میرے بابا۔"
بوڑھے کو جیسے اِتنے ہی بُرے جواب کی توقع تھی۔ ہلکی جھُلسن کے ساتھ بولا، "اچّھا، کوتوال کی بِٹیا ہے؟ ... کیا نام ہے کوتوال کا؟"
"جمرُو شا نام تھا میرے بابا کا... گزر گئے۔"
بوڑھا "اُوں" کہہ کے چپ ہو گیا۔ اس "اُوں" کا کچھ بھی مطلب ہو سکتا تھا۔ مرضی مالک کی... ہمیں کیا... یا یہ تو ایک دن ہونا ہی تھا... کچھ بھی۔
لڑکی نے پوچھا، "آپ جانتے تھے بابا کو؟"
"آں ں ں؟ ... نہیں نہیں، بس نام سنا ہے۔ لوگ کہتے ہیں بھلا آدمی تھا جمرُو شحنہ۔"
کانٹا سا نکل گیا۔ لڑکی نے پھر لڑکے کو دیکھا، وہ مسکرا رہا تھا۔ مگر دونوں سمجھ گئے تھے کہ بڑے میاں کو جتنا علم ہے اُس سے کم بتا رہے ہیں۔
لڑکی سمجھی بات ختم ہو گئی۔ وہ گاڑی میں اپنی جگہ سنبھالنے کو بڑھی تھی کہ بوڑھے کی ہانپتی ہوئی آواز آئی۔ "بھلا تُو مانڈو کا اَمَن امان تج کے چَندیری میں کھوار ہونے کائے کو گئی تھی؟"
لڑکی نے سوچا کھیل میں شامل ہوے بِنا چارہ نہیں۔ اُس نے بھی ایک گول مول لفظ کہہ دیا۔ بولی، "بس۔"
بوڑھا راج پوت گرمی کھا کے بولا، "چندیری رائے سین میں تو اُس... اُس پورن مَل کی تانا شاہی چل رہی ہے... حرام جادے کی۔"
لڑکے نے دھیمی ملامت سے کہا، "اُہُوں... بابا!"
"ہاں ہاں سُن لیا،" بوڑھے کی خجِل آواز آئی۔ لڑکی نہ ہوتی تو وہ اُس حرام جادے کے لیے اَور بھی کچھ کہتا۔
چَندیری کا نام سن کے لڑکی کے چہرے کا رنگ پھیکا پڑ گیا تھا۔ اُس نے اپنا لہنگا لُگڑا سمیٹ کے جیسے کسی نا موجود خنکی سے بچاؤ کرنا چاہا۔ لڑکے نے سوچا شانے کا زخم کھٹک رہا ہو گا جبھی بےچاری کانپتی ہے۔ اُس نے باپ کو سر کے اشارے سے منع کیا __ مطلب، رہنے دے بابا کوئی اَور بات کر __ مگر وہ اپنی رو میں بولے چلا جا رہا تھا۔ "چندیری رائے سین میں تیرے اپنے کوئی ہیں؟"
لڑکی بےچین ہو کے بولی، "میں وہاں سے نہیں آ رہی، چندیری سے۔ میرا کوئی نہیں وہاں۔"
بوڑھا حجّت کرنے پہ تُل گیا تھا۔ "سَبیرے تو تُو نے یہی بتایا تھا..."
"چھوڑ بابا، یہ کیا لے بیٹھا۔"
بوڑھا پھر گرمی کھا گیا۔ "کیا چھوڑوں بھلا؟ بات بھی نہیں کرنے دیتا... ارے جب تُو اِسے بئوڑی سے اٹھا کے لایا ہے، کھُونم کھُون، جب تو یہ ایسے ہی بولتی تھی کہ چندیری کی ہوں۔ ارے ہَے تو ہَے چندیری کی۔ اس میں لُکانے چھپانے کی کون بات ہے۔" بڑبڑاتے ہوے اُس کی آواز ڈوب سی گئی۔ اُس نے اوپر چادر لے لی تھی مگر پھر چادر سرکا کے ایک بار پوچھا، "اُدھر تیری شادی تو نہیں ہوئی تھی... چندیری میں؟"
جواب نہیں ملا تو ہانپتے ہوے اُس نے چادر میں دوبارہ سر چھپا لیا۔
لڑکا مزے میں سر ہلا ہلا کے ہنسنے لگا۔ ساتھ میں ڈر بھی رہا تھا کہ بابا کہیں بُرا نہ مان جائے۔ اُس نے مَٹھارنے کو پوچھا، "کہو تو گاڑی بڑھائیں۔ ہاں رے بابا؟ ... گھنا رستا پڑا ہے؟"
بڑے میاں نے منھ لپیٹے لپیٹے کچھ کہا جو بیٹے کی سمجھ میں نہ آیا۔ دھیمی آواز میں لڑکی سے کہنے لگا، "تم کہو تو چلتے ہیں۔ یا روٹی بنا لیں؟ ... بھوک لگی ہو گی؟"
"نہیں نہیں... ٹھیک ہے۔"
"کیا ٹھیک ہے؟"
"یہی... ہاں، روٹی بنا لو۔ مَیں بنا دوں گی روٹی۔" وہ لڑکے سے بات کر رہی تھی مگر دھیان اُس کا رستے پر ہی تھا۔
لڑکے نے نرمی سے اُس کے سر کو ہاتھ لگایا۔ "ڈرو مت۔ بہت آگے آ گئے ہیں۔ اب تو مانڈو کا پڑوس لگ گیا ہے۔ اب کوئی نہیں آئے گا۔"
لڑکی نے کئی بار ہاں میں سر ہلایا۔ وہ گاڑی سے اُترنے کو اُٹھی، تختے پر ہاتھ جماتی تھی کہ تکلیف سے چکرا کے پھر بیٹھ گئی۔ گھاؤ میں کھٹک ہو رہی ہو گی۔ لڑکا بولا، "بیٹھی رہو۔"
"نہیں میں اتروں گی۔"
"تو ٹھیرو... میری بانہہ تھام کے اترو۔" اُس نے اپنے مضبوط بازو تختے پر جما دیے، پشتہ سا بن گیا۔ لڑکی پہلے جھجھکی مگر اُس کے بازوؤں پر اپنی کہنی اور بازو ٹکاتی سہولت سے اتر آئی۔ اُس کا پیر زمین پر لگتے ہی لڑکا دور ہٹ کے کھڑا ہو گیا۔ "کھیال سے ہِلو ڈُلو گی تو جلدی بھر جائے گا۔ گھاؤ کوئی گہرا نہیں، ای بات اچھی ہے۔"
گاڑی کے ہچکولے سے بوڑھے کی آنکھ کھل گئی۔ اُس نے جھپکی لی تھی، سمجھا ہو گا گاڑی چل رہی ہے۔ پھر وہ لڑکے اور لڑکی کو برتن بھانڈے اُٹھاتے دیکھ کے تسلّی سے سر ہلانے لگا۔ بولا، "ہاں رے سارنگا! کچھ کھا پی لے۔ پھر چلنا آگے۔"
لڑکے نے کہا، "ہَئو!" مگر بوڑھا اُس کی طرف متوجہ نہیں تھا۔ وہ لڑکی کے لباس کو ایک ٹک دیکھے جا رہا تھا۔ لڑکے سے کچھ کہتی ہوئی لڑکی اُس کے رُخ گھومی تو کسی یاد سے بوجھل آواز میں بوڑھا جیسے خود سے کہنے لگا، "ٹَھکُرائن نے یہ لہنگا لُگڑا آکھری دفعے شِو راتری پہ پہنا تھا۔ ہاں رے سارنگا؟ ... اب پھر شِو راتری آ رئی ہے۔ کِتّے ایک دن رہ گئے؟"
لڑکے نے کوئی جواب نہ دیا تو اونچی آواز سے بوڑھے نے لڑکی کو مخاطب کیا۔ "یہ لہنگا لُگڑا جو تُو پہنے ہے نئیں، یہ سارنگ سنگھ کی ماں ٹَھکُرائن نے..."
لڑکے نے اُسے بات ہی پوری نہ کرنے دی۔ بولا، "ہاں ہاں، شِو راتری پہ پہنا تھا۔ ای بتاؤ روٹی کھاؤ گے کی سکر کندی بھُون دوں؟"
"جو تیرا جی چاہے کر... بات بھی نہیں کرنے دیتا، شالُو! ... ٹرٹر کیے جاتائے۔"
لڑکے نے شرارت سے مینڈک کی آواز نکالی مگر باپ نے تیوریاں چڑھائے رکّھیں۔ وہ پیال پر پھیل کے لیٹ گیا تھا اور موٹی دُولائی پیروں پر ڈال پھر سے اونگھنے لگا تھا۔ لڑکے نے تھوڑی چلت پھِرت سے لکڑیاں اکٹھی کر لی تھیں اور اینٹ پتّھر کے کام چلاؤ چولھے میں آگ جلا دی تھی۔
لڑکی چولھے کے پاس جا بیٹھی، بالکل ویسے ہی جیسے ہزاروں برس سے عورتیں چولھوں کے پاس جا جا کے بیٹھتی رہی ہیں۔ لڑکے نے اُسے مسکرا کے دیکھا اور دو پھیروں میں گاڑی سے بہت سی پوٹلیاں اور کلَسیاں اُٹھا لایا۔ ان میں گھی، دالیں، مسالے، چاول، یہی سب کچھ تھا۔ ایک ہانڈی میں پانی نمک ڈال اُس نے دال پکنے کو چڑھا دی۔ لڑکی نے چھاگل سے پانی لے ہاتھ دھوئے اور پرات اور آٹے کی پوٹلی کھینچ کے اپنے سامنے کر لی۔
لڑکے نے پوچھا، "کیا کرتی ہو؟"
"آٹا گوندھوں گی۔"
"تم گوندھو گی آٹا؟"
لڑکی نے ہاں میں سر ہلایا۔
لڑکا بولا، "سنو... پہلے بابا کی روٹی مَیں بنا لیتا ہوں۔ پیچھے تمھارا جی چاہے تو اپنے میرے لیے روٹی بنا لینا۔"
ریشم کے کورے تھان کے سے رنگ والے چہرے پہ گلال پھیل گیا۔ "اخّا! میں تو بھول ہی گئی تھی کہ تم لوگ میری بنائی ہوئی روٹی نہیں کھاؤ گے۔"
"نہیں نہیں... میں تو کھاؤں گا۔ بابا بھی کھا سکتا تھا پر اِس وَخَت دُکھی ہو رہا ہے۔ اُلجھے گا۔ ... سنا نہیں، ابھی ماں کو یاد کر رہا تھا۔"
لڑکی سمجھ داروں کی طرح سر ہلاتی چولھے سے دور جا بیٹھی اور لڑکے کو آٹا گوندھتے دیکھنے لگی۔ پھر بولی، "سارنگ سنگھ!"
"ہَئو!"
"تم نے اپنی ماں کا سب سے اچھا جوڑا مجھے پہننے کو دیا ہے تو تمھارا بابا اس بات سے ناخوش تو نہیں ہے؟"
لڑکے نے آٹے کو مُکّی لگاتے ہوے ایک بار لڑکی کی طرف دیکھا۔ "میرا بابا بڑے دل کا آدمی ہے۔ اُوجّینی راج پوت ہے، چھوٹی بات من میں نہیں آنے دیتا۔"
لڑکی نے ہاتھ اٹھا کے جیسے اپنی بات سمجھانی چاہی۔ "ناں ناں، چھوٹے دل کی بات نہیں ہے... بابا سوچتا ہو گا اِنہیں سنبھال کے رکھنا تھا... ماں کی نشانی تو ہیں نا یہ؟"
"ٹھیک ہے۔ پر بابا نے کچھ رکّھا ہی نہیں۔ گھربار کھتم کر کے آگ لگا دی گرھستی کو۔ بس ... کپڑے بچا لیے تھے میں نے۔"
لڑکی چولھے کے پاس کھسک آئی۔ "گھربار ختم کر دیا؟ ... کیوں؟"
وہ دھیرے سے بولا، "ماں نہیں رہی تو گھربار کس کام کا؟"
"گھربار نہ سہی، پھر بھی۔ رُکتا کچھ نہیں۔ جینا مرنا تو چلتا رہتا ہے۔"
"ہوں۔ سب چلتا رہے گا۔ راج دھانی پہنچ کے میں سواروں میں نام لکھا لوں گا۔ ... اپنی گرہستی پھیلا لوں گا۔"
"اور تمھارے بابا؟"
"بابا سادھ لے لے گا۔"
"سادھ؟"
"ہاں... جوگی کا بانا پہن لے گا بابا۔ سادھو بن جائے گا۔"
"اوہ!" لڑکی بڈّھے راج پوت کے لیے دُکھی ہو گئی۔
لڑکے نے ہاتھ کا کام روک دیا۔ "بابا کہتا ہے... اب ایسا ہے کی جِندَگی سے مَنے جِتّا کچھ لینا تھا لے لیا۔" وہ رُکا، دھیرے سے ہنس کر کہنے لگا، "بابا میرا کہتا ہے کہ تُو مل گیا مجھے۔ بس اُوجّینیوں کا نام، اُن کی پَرَم پَرا چل پڑی۔ اور اپنا کہتا ہے کی آگے سُونّیہ ہے اور سنّاٹا جیسا ہے۔ سمجھو ایک اَپار چُپ سی جس کے بیچ اور جس کے آگے کوئی آکار نہیں، کوئی اَواج نہیں... بس مَون ہے... کھاموسی۔ ای بات کرتا ہے میرا بابا۔"
باپ ہِل ڈُل رہا تھا۔ لڑکے نے گاڑی کی طرف دیکھا، اونچی چمک دار آواز میں لاڈ سے بولا، "ہاں بابا، تُو اٹھ گیا؟ آ روٹی کھا لے۔"
لڑکا باپ کو روٹی کھلا چکا تو پرات سنبھالے لڑکی کی طرف آیا۔ بولا، "اب اپنے لیے، میرے لیے روٹی بنا لو۔"
لڑکی نے روٹی بنا لی، دونوں نے ساتھ بیٹھ کے کھا پی لیا۔ برگد تلے ایک پہر گزار کے یہ چل پڑے۔ رات آ گئی۔ یہ کچھوے کی رفتار سے چلتے رہے۔
نربدا کے پتّن تک پہنچتے پہنچتے اگلے دن کا سورج اُگنے کو تھا۔ لڑکی نے ایک دھیمی اُداسی اور شکر گذاری کے ملے جُلے سُبھاؤ سے نئے دن کا استقبال کیا۔ لڑکا جو ٹِھیے پہ بیٹھا اونگھتا ہوا، کبھی بیلوں کو ٹِٹکارتا، کبھی آلھا کے بول کہتا، بوڑھے کو باتوں میں اُلجھاتا چلا آ رہا تھا، آسمان کی گلابی دیکھ کے ٹِھیے سے کود گیا۔ اُس نے ہاتھ باندھ کے ایک بار اپنی پیشانی کو چھوا، پھر دونوں مٹّھیاں کس کے جیسے کسی اَدیکھی کٹار کے قبضے پر گرفت جمائے ہوے ہوا میں وار کیا۔ "جے! ماآاائے نربَ دا!"
وہ نربدا ماں کی جے کار کرتا تھا۔ لڑکی ہولے سے مسکرائی۔ اُس نے روشن آنکھوں سے دیکھا، سامنے گلابی دریا بہہ رہا تھا __ نربدا __ جیحونِ گلگونہ رنگ... مگر یہ تو آسمان ہے جو دریا میں اُتر آیا ہے۔
ابھی اُس نے دریا کے چہرے سے نظریں ہٹائی بھی نہ تھیں کہ صبح کا سنّاٹا بوڑھے راج پوت کی کوڑے جیسی آواز سے چٹخ گیا۔ "سارنگا! ندی کی اور دیکھ۔" لڑکے نے سر گھمایا۔ "دیکھ ٹیلے کی اوٹ سے نکل رہے ہیں۔"
لڑکی نے اُس کے اشارے کی سیدھ میں دیکھا۔
وہ چار تھے۔ گھوڑوں پہ سوار، اپنے ہتھیار دکھاتے ہوے، سیدھے بیل گاڑی کی طرف آ رہے تھے۔ اُن کی کئی رنگ کی مَندِیلیں اور بھَگوا، بینجنی، مُشکی اور لال صدریاں نئے دن کی روشنی میں چمک کر اُجَل گئی تھیں اور اصل سے کہیں زیادہ رنگین دکھائی پڑتی تھیں۔
باپ بیٹے کی آنکھیں جیسے شِکرے بن گئیں۔ دونوں ایک ساتھ بڑبڑائے، "بَٹ مار ہیں سَسُرے!" بوڑھے نے پتّن کی ریت پہ تھوک دیا۔
دوبارہ اُس نے کہا، "ٹھگ ہیں حرام کے جَنے!" اور شانوں پر پڑی ہوئی اپنی دُولائی گرا دی۔ پھر کانوں سے لپٹی چادر پھینک گاڑی کے پیال میں ہاتھ ڈال دیا۔ ذرا کی ذرا میں اُس نے اپنی نیام کی ہوئی سروہی، کٹار اور سَوا بالشت چوڑی راجپوتانی ڈھال پیال سے نکال لی تھی۔ پٹکے میں کٹار اُڑس کے کمر سے نیام کا پَرتَلا باندھتے ہوے "ماآاائے بھوانی!" کہتا وہ گاڑی چھوڑ رَسان سے زمین پہ آ کھڑا ہوا۔ ایک بار اُس نے اپنی تلوار کے قبضے کو چھوا۔ وہ ہاتھ اپنے ماتھے اور آنکھوں پہ پھیرتا ہوا ہونٹوں تک لایا، اُسے چوم کر تلوار کے قبضے پر مضبوط گرفت قائم کی اور بیٹے کی طرف دیکھ کر کہا، "ہاں رے سُپتر سارنگ سنگھ!"
لڑکے نے بھی یہی سب کرتے ہوے دھیرے سے کہا، "ہاں رے بابا!"
دونوں نے اپنی اپنی تیّاری کی خبر دی تھی۔
لڑکے کی کمر سے کھانڈا بندھا تھا۔ کھانڈا بوڑھے کی سروہی سے کوئی سَوائی ڈیوڑھی لمبائی کا تھا۔ ایسے ہتھیار بلَخ اور بخارا سے منگائے جاتے تھے اور صرف نوجوان تَلوَریوں میں مقبول تھے۔ پُرانے اسکول کے ساوَنت انھیں دیکھ دیکھ کے ہنستے تھے اور طنز کرتے تھے کہ گنوار کھا مَرے یا اُٹھا مَرے... کہتے تھے، "ای کھانڈا چھوڑو، کلھاڑا کاہے نئیں باندھ لیہو کمر سے، ہاں بھیّا؟"
لڑکی یاد کر کے مسکرائی۔ اُس نے بٹ ماروں کو بڑھتے اور باپ بیٹے کو تیاری کرتے دیکھا۔ باپ بیٹے کی حرکات میں ایک طرح کی ہمواری، اُن کے سُبھاؤ میں دھیما پن تھا __ گھات کرتے چیتے کا دھیما پن کہ جب وہ زمین سے پیٹ لگائے ایک ایک قدم بڑھ رہا ہوتا ہے۔ ٹھگوں کے تو مرکب تک اُوبڑ کھابڑ ٹانگیں مارتے آ رہے تھے۔
لڑکے نے اب اپنی طرف کے پیال میں ہاتھ ڈال دیا۔ اُس نے ایک سُبک سی برچھی اور راجپوتانی ڈھال کھینچ نکالی۔ "ای لو... دونوں تمھارے ہی مطبل کے ہیں۔" اُس نے یہ ہتھیار لڑکی کی طرف بڑھا دیے۔
"اَخّا!" لڑکی نے برچھی ڈھال سنبھالتے ہوے بے اختیار تعریف کی۔ چاروں سوار خاصا بڑھ آئے تھے۔ اُس نے برچھی ہاتھ میں تولی۔ زخمی شانے کو آرام دینا تھا سو ڈھال کا تسمہ اُلجھا کر اُس نے ہاتھ کو دوسرے شانے پر ٹکا لیا اور ریت میں قدم جما کے کمر سے اوپر اپنا بدن دائیں بائیں جھُلاتے ہوے نیزہ زَنی کی ابتدائی مشقیں دُہرانی شروع کر دیں۔ وہ منھ ہی منھ میں شمار کرتی جا رہی تھی، "ایک، دو، تین، دائیں! ایک، دو، تین، بائیں! تین، دو، ایک، ہا! ایک، دو، تین، ہا!" ہر "ہا!" پر اُس کا برچھی والا ہاتھ ہوا میں مار کرتا تھا۔
لڑکا دیکھ کے مسکرانے لگا۔ مسخرے پن میں اُس کی تعریف کی۔ بولا، "ہاں آں، تمھیں تو یاد ہے۔ وا وا! پورا سبک یاد ہے!" پھر اُس نے خود بھی یہ مشقیں دُہرائیں۔ "ایک، دو، تین، دائیں! ایک، دو، تین، بائیں! تین، دو، ایک، ہو! ایک، دو، تین، ہو!" "ہو!" پر اُس کا بھی ہاتھ نیزہ پھینکنے کا دکھاوا کرتا تھا۔
گاڑی سے سَو قدم دور رہ گئے تو سواروں نے ایک دوسرے کو اشارہ دیا اور رُخ مار کے گھوڑوں کو ایڑ دیتے مختلف سَمتوں میں انھیں دور تک دوڑائے چلے گئے جیسے کبوتروں کی ٹکڑی پہ باز جھپٹّا مارے اور ٹکڑی پلک جھپکتے بکھر جائے۔ باپ بیٹا تو پھر لڑاکے تھے، لڑکی تک سمجھ گئی کہ چاروں کچھ دور تک اپنے گھوڑے لے جائیں گے، پھر مڑیں گے اور ایک دم نعرے مارتے ہوے جھپٹ پڑیں گے۔ یہ پینترا طاقت دکھانے، دہشت زدہ کرنے کے لیے تھا۔
بیسیوں جنگیں، سینکڑوں معرکے جھیلے ہوے بوڑھے تَلوَریے نے منھ سے حقارت کی آواز نکالی، "لِہہ! سؤر پالنے والوں کی اولاد! کِھلواڑ کرتے ہیں کُچّودی کے!"
وہ بیلوں کے برابر کھڑا تھا اور اُنھیں تھپکی دیتا جاتا تھا۔ لڑکی نے جس بوڑھے کو اونگھتے اور گاڑی کے دھچکوں سے بےحال ہوتے، کراہتے ہوے سُنا تھا، یہ وہ بوڑھا ہی نہیں تھا۔
اپنی بیماری میں جو راستے بھر ہانپتا ہوا آیا تھا، اِس وقت لگتا تھا بہت آرام سے ہے۔
دیکھتے ہی دیکھتے وہ جھکا، اُس نے دریا کنارے کی ریت اپنے سیدھے ہاتھ کے انگوٹھے پر لگائی اور "جے ہو!" کہتے ہوے اُسے اپنی پیشانی پر تلک کر لیا۔ تلک لگاتے ہوے اُس نے لڑکی کی طرف دیکھا تھا۔ اُن بوڑھی انگارہ آنکھوں میں ایسی جوت تھی کہ لڑکی نظر نہ ملا پائی۔ سمجھ گئی کہ یہ آخری نیئم ہے۔ وہ اپنی ندی کے قدموں میں پہنچ گیا تھا اور لڑتے ہوے مر جانے کو تیّار تھا۔
مّڑ کے دیکھے بِنا لڑکی جان گئی کہ اُسی وقت لڑکے نے بھی ندی کی ریت سے تلک کیا ہو گا۔
سواروں نے وہی کیا جس کی یہ تینوں توقع کر رہے تھے۔ وہ گھوڑے پھِرا کے نعرے مارتے گاڑی کی طرف جھپٹے۔
لڑکی نے کم عمری سے ہی سواروں کو آمنے سامنے کی جنگ کرتے، پہلو سے گھات کرتے، تعاقب اور پسپائی کی لڑائی لڑتے دیکھا تھا۔ اُس نے سیکھا تھا کہ لڑائی میں گھڑ سوار کے ارادے اُس کی چلت پھرت سے زیادہ گھوڑے کے بدن کی حرکات میں نظر آ جاتے ہیں۔ جس تُرکمانی استاد نے اسے شہسواری تعلیم کی تھی وہ کہتا تھا کہ لڑتا ہوا سوار اپنا اگلا قدم اپنے گھوڑے کے رگ پَٹّھوں پہ لکھ دیتا ہے، پڑھنے والی نظر ہونی چاہیے۔ وہ یہ بھی کہتا تھا کہ بُرے سوار کی پہچان یہ ہے کہ وہ اور اُس کا گھوڑا دو الگ الگ بدن نظر آتے ہیں۔ لڑکی نے چند قدموں کے بعد دیکھ لیا تھا کہ حملہ آور نہ اصیل شمشیر زن ہیں نہ اُن کے گھوڑے اصیل جانور۔ یہ تو چار ٹٹّوؤں کو چار چڑی مار دوڑائے لیے آتے ہیں۔ زخمی شانے کے باوجود برچھی لہراتے ہوے اُس نے عجب توانائی محسوس کی۔
جھپٹتے ہوے سواروں نے گاڑی والوں پر وار نہ کیا۔ وہ برچھیوں کی زد سے پَرے پانچ پانچ دس دس قدم کی چھُوٹ دے کے کاوا مار گئے اور تھوڑی دور جا کر گاڑی کے گرد ایک ڈھیلے ڈھالے دائرے میں گردش کرنے لگے۔ انھوں نے دیکھ لیا تھا کہ گاڑی والوں پر اِن سب باتوں کا اثر نہیں ہونے کا۔ لڑکی نے سُنا، بوڑھا راج پوت اپنے بیلوں کو تھپکتا ہوا کھانسی مِلی ہنسی ہنس رہا تھا۔ پھر اُس نے اپنی بُندیل کھنڈی میں اونچی آواز میں ایک کہاوت سنائی۔ بولا، "سنو رے سنو! اوچھا ہاتھ چلا کے بَھگ لیتے تو آدھی پونی، ماشے رتی پھر بھی بات بنی رہ جاتی۔ ارے اِس گیدڑ بھبھکی نے تو سسرے! سَبرائی بھانڈا پھوڑ دیائے... ہو ہو ہو۔" ہنستے ہنستے اُسے پھر کھانسی آ گئی۔
لڑکے نے زمین پر بےچینی سے پاؤں مارا۔ پکار کے بولا، "ارے کون ہو رے تم؟ دھُول اُڑانے کو کیا اے ای جگے رہ گئی تھی؟ جاؤ! کھیل تماسے کرنے کو مُلُک کی جمِین پڑی ہے... چلو چلو اِدھر سے۔"
سواروں نے اپنی گردش روک دی۔ اُن میں جو بڑی عمر کا تھا، جس نے ڈاڑھی کو مانگ نکال کے اُسے کلّوں کانوں پہ چڑھا رکّھا تھا، بھاری آواز میں بولا، "ای کئونوں کھیل تماسا نئیں رے۔ تُرنت جواب دے۔ کون ہے تُو؟ کاں سے آرا ہے؟ کدھر جاتا ہے؟"
بوڑھا راج پوت بولا، "بھلا تُو کون پوچھنے والا؟ شیر شاہ کی رعیّت ہیں۔ جِدھر کو مَرجی کرے گی جان گے۔ چل اِدھر سے سَورے! گھوڑا کدُانا بند کر نئیں بیل بِدکے گا۔"
مانگ دار ڈاڑھی والا حقارت سے بولا، رعیّت سیرساہ کی؟ واہ رے وا! اُدھر کا کر رئے تھے کھاندیس ماں؟ ... ای جنانی تِہاری کون ہے؟"
سارنگ سنگھ کڑک کے بولا، "جنانی ٹھاکروں کے سنگ ہے۔ سمجھو ٹھَکُرائن ہے۔ نجَر نیچی کر، نہیں ہم آنکھ نکال لیں گے۔"
لڑکی نے سوچا لہنگالُگڑا ہوتے بھی یہ جان گئے ہیں کہ ٹھاکروں کی عورت نہیں، میں اَور قوم کی ہوں۔

بٹ ماروں میں جو سب سے نوعمر تھا اور لڑکی کو برابر گھورے جا رہا تھا، سارنگ کی بات سُن کے اُس نے بے سوچے سمجھے گھوڑا بڑھا دیا۔ لڑکی نے دیکھا، راج پوت لڑکے نے ٹھُکی ہوئی ریت میں آسانی سے ترچھے ڈیڑھ قدم لیے، پھر نیزے کو تول کے اَنی کی چمک میں اُسے پہلے بائیں طرف، پھر دائیں طرف دکھایا۔ اگر مانگ دار ڈاڑھی والا اپنے نوعمر ساتھی کو گھوڑا پھِراتے میں ایک بازو ٹھیل نہ دیتا تو لڑکی نے سارنگ کی چَلَت کی آخری گنتی دل ہی دل میں گن لی تھی۔ تین، دو، ایک، ہا! اِس آواز پر اُس نے خیال ہی خیال میں لڑکے کا نیزہ جیسے سوار کی لال صدری کے بائیں طرف کے تُکمے پر مار کرتے دیکھا۔ مگر نہیں، راج پوت لڑکے کا ہاتھ رُکا ہوا تھا۔ ہدف نے جگہ چھوڑ دی تھی، نیزہ لڑکے کے ہاتھ ہی میں رہا۔ آگے آنے والے دونوں سواروں کے جانور چمک کے ہٹ گئے۔
مانگ دار ڈاڑھی والا گھوڑا سنبھالتے ہوے بولا، "جیادہ گرمی مت دکھا ٹھاکُر۔ بات سُن بات۔"
بوڑھے ٹھاکر نے حقارت سے "لِہہ!" کہا۔ لڑکے کو سوار کی بات میں مصالحت سی سنائی دی تھی۔ وہ بولا، "بات سناتا ہے تو گھڑ سواروں کو ہٹا اِدھر سے۔"
بڑی عمر کا بٹ مار، جو اُن کا مہتر ہو گا، گھوم گیا۔ اُس کے اشارے پہ تینوں نے گھوڑے پھِرائے، دور جا کھڑے ہوے۔ لڑکا بولا، "ہاں سُنا کیا بات ہے۔"
مہتر بولا، "ٹھاکر ہے تُو۔ اِس کر کے ہم بات کھَری کرتے ہیں۔"
لڑکا اُس کی آنکھوں میں دیکھ کے بولا، "اچّھا۔"
مہتر نے نظریں چُرا لیں۔ بولا، "ہاں... جو پلّے پار جانے کی صَلا ہے تو ٹھاکُر! تین جَنوں کی تین مُہریں دے ای دو۔ بس... اور نکل جاؤ۔"
بوڑھے کی آواز آئی، "دَھت تیری اوکات پہ!"
لڑکے نے پوچھا، "اچّھا؟ پر مُہریں کس بات کی؟"
بولا، "ٹھاکر! ای دریا کی گھاٹ چوکی اَبئے اپنے پاس ہے۔"
لڑکے کو اُس سے بات کرنے میں مزہ آ رہا تھا۔ پوچھنے لگا، "اَپن کون؟"
"مبارک ساہی بندوبست ماں سَوار ہیں ہم۔ ای دریا کی گھاٹ چوکی کے مہتر ہیں۔"
بوڑھے راج پوت نے ٹھٹّھا لگایا۔ "لِہہ حرامی جھوٹھے! ارے مبارک شاہی بندوبست اب کون بات کا؟ تجھے کھبر نئیں پلّے پار مانڈو ہے مانڈو؟ دریا کے دوئی کنارے پہ شیر شاہ کی تلوار بجتی ہے۔ گیا مبارک شاہ، سسرو! گھر جاؤ گھر۔ نچِنت ہو کے بیٹھو... جاؤ سؤر چَراؤ اپنے۔" اُس نے لڑکی کی طرف دیکھا۔ "اے لاڑی! ... او رے سارنگ! ... چل بیٹھو دوئی گاڑی ماں۔" بوڑھے نے اپنی بیزاری جیسے ایک ایک لفظ پہ لکھ دی تھی۔
لڑکی سوچ میں پڑ گئی۔ وہ سوار ہونے کو رَستا چھوڑ گاڑی کے پہلو سے جا ٹکی، انتظار کرنے لگی۔
سارنگ نے باپ کے حکم کا جواب دیا۔ "ہئو!"
یہ فیصلے کا وقت تھا۔ باپ بیٹا جانتے تھے سوار اُنھیں غافل سمجھ کے یا تو حملہ کر دیں گے یا اَور کچھ دور جانے دیں گے۔ بوڑھے تَلوَریے نے گاڑی میں بیٹھنے کو کہا ہے، لڑکا سمجھ گیا وہ سواروں سے جان چھڑانا چاہتا ہے۔
لڑکی نے سر ہلایا۔ گھڑ سوار بالکل ہی گھامڑ ہوے تو گاڑی پہ ان کے سوار ہوتے وقت حملہ کریں گے، اگر ہُشیار ہوے تو اَبھی جانے دیں گے، گاڑی کا پیچھا کریں گے۔
لڑکا سارنگ گاڑی پہ بیٹھنے کو مڑا ہی تھا کہ جیسے طوفان پھٹ پڑا۔ سواروں نے گھوڑوں کو ایڑ دیتے ہوے ہلّہ بول دیا تھا۔
سارنگ نے گاڑی پہ چڑھنے کو اپنا دایاں پَیر تختے پر ٹکایا تھا تو یہ آوازیں سنائی دیں۔ اُس نے اپنے پیر کو ٹیک بنا کر، بدن کے ایک ہی جھکولے میں گھومتے ہوے، نیزے والے ہاتھ کو اوجّینی کھڑگ داروں کے نعرے کے ساتھ پورے یَش سے پھینکا، "جے ے ے وِکرَما!"
"جے جے وِکرَما!" بوڑھے کنور نے بازگشت دی۔
لڑکی کچھ زیادہ دیکھ نہ پائی۔ لال صدری والا بٹ مار دھچکا کھا کے اُلٹ گیا، گھوڑے سے گرا اور ٹھُکی ہوئی ریت پر اُچھل اُچھل کے ایڑیاں رگڑنے لگا۔ ایک نیزہ __ سارنگ کا نیزہ __ اُس کی صدری میں ترازو تھا۔
دو سوار بھاگ لیے۔ اُنھوں نے، اُن کے مرکبوں نے، خاندیش کی سَمت پکڑی تھی۔
بوڑھے نے نہ معلوم کس طرح اپنی سروہی کے ایک ہی جمے ہوے وار سے مانگ دار ڈاڑھی والے کا پہلو کھول دیا تھا۔ وہ اپنی تلوار پھینک، جیسے دُہرا ہو کے، ایک ہاتھ سے اپنا گھاؤ بند کرنے اور دوسرے سے گھوڑے کو قابو کرنے میں لگا تھا کہ توازن قائم نہ رکھ سکا اور زِین سے لٹک گیا۔ مُشکی نے الف ہو کے اُسے پھینک دیا۔
بوڑھے نے چیخ کے لڑکی سے کہا، "لاڑی، باندھ لے اِسے۔ میں اِس کا جانور گھیرتا ہوں۔"
لڑکا اُدھر لال صدری والے کے گھوڑے کو گھیرتا ہوا اُسے ہُشکانے لگا تھا کہ بدقسمت جانور اُلٹے قدموں ہَٹا اور ہڑبونگ میں اپنی پِچھاڑیاں گِرے ہوے مہتر کی کھوپڑی اور چھاتی پہ مارتا، چھ سات قدم نکلا چلا گیا۔ اس بھاری بُندیل کھنڈی ٹٹّو کی ہَڑبَڑی نے مانگ دار ڈاڑھی والے کی کھوپڑی کھول دی تھی۔
باندھنے کو اب کچھ نہیں رکھا تھا۔ لڑکی نے بےبسی میں بڑے میاں کو دیکھا جو مہتر کے جانور کو قابو کرنے ہانپتے ہوے اُس کے پیچھے چل پڑے تھے۔
ذرا سی دیر میں گاڑی والوں اور بٹ ماروں کی لڑائی ختم ہو گئی تھی۔
لڑکی نے سوچا یہ ٹھگ، جو آدھے کھیت رہے اور آدھے بھاگ لیے، کوئی بہت ہی گئے گزرے بےعقل لوگ ہوں گے۔ کھوپڑیوں میں اُن کی اتنی سی بات کیوں نہیں گھُسی کہ یہ خستہ حال لڑاکے، جن کے بدن پہ ڈھنگ کے کپڑے بھی نہیں ہیں، جو اپنے مَرے ڈَوبے بیلوں اور ٹوٹی پھوٹی گاڑی کے ساتھ ایسے دَرشَنی ہتھیار لیے پھِرتے ہیں، خطرناک لوگ ہوں گے، ایسوں پہ چڑھ دوڑنا جوکھم میں پڑنا ہوتا ہے۔ کیوں نہ سمجھے وہ اتنی سی بات؟ گِیدی!
جتنی دیر میں باپ اور بیٹا ٹھگوں کے گھوڑے گھیر کے لائے اتنی دیر میں لڑکی نے گاڑی کے بیل کھول دیے تھے۔ دونوں بیل بہت پیاسے ہوں گے، پانی کے قُرب نے انھیں بےتاب کر رکھا تھا۔ جوئے سے کھُلتے ہی دریا کی طرف چلے۔ ایک اُن میں سے دوڑ گیا، دوسرا ڈگمگاتا ہوا پیچھے چلا۔ بوڑھا راج پوت دیکھ رہا تھا۔ بیٹے سے بولا، "سارنگا! گاڑی کھول دے۔ جوڑی بگڑ گئی۔ پانی سے آ جاویں تو پتّن ماں ہنکا دینا بَیلوں کو۔ مُلُک کا گھاس پانی ہے۔ اِدھر دوئی پَشُو گُجار لیں گے اپنے دن۔"
لڑکے نے کہا، "ہئو!"
لڑکی اور لڑکے نے سب ہتھیار، کلھاڑی، مشکیزے، کام کے چھ آٹھ برتن بھانڈے اور چادر دُولائی ایک گھوڑے پہ باندھ لی۔ لاشوں کو ٹھکانے لگانا تھا تو دونوں جوان لوگ برابر کی پَٹھار سے اُپلے لکڑی اکٹّھا کر لائے۔ راج پوتوں نے اپنی گاڑی پر ہی لاشوں کو ڈال، اِدھر اُدھر گھاس پھُوس لکڑی اُپلے جما، بٹ ماروں کی چِتا سی بنا دی جسے بڑے میاں نے "لے بھئی چلتے بنو!" کہہ کے آگ دکھا دی۔
لڑکی نے سوچا دریا کے اِس پار کا جنجال اِسی پار ٹھکانے لگ گیا۔
دریا کی گھاٹ چوکی کوس بھر دور تھی۔ مہتر کے مُشکی پہ باپ بیٹے نے ضد کر کے لڑکی کو بٹھا دیا تھا۔ لال صدری والے کے ٹٹّو پہ ہتھیار اور سامان بندھا تھا اور اس کی راس بڑے میاں نے سنبھال لی تھی۔ تو کبھی پیدل، کبھی سواری کر کے وہ پیچھے پیچھے چلے آتے تھے۔ مگر لال صدری والے کا جانور برابر کچھ نہ کچھ گڑبڑ کرتا آ رہا تھا۔ اُس کی حیوانی سمجھ میں یہ بات آ چکی تھی کہ نیا سوار اُس کے مالک کا دوست نہیں ہے۔
جب تک لڑائی یا اُس کی تیّاری ہوتی رہی تھی بوڑھے راج پوت کا دل لگا رہا تھا، مگر اب اُس کی سانس پھُول پھُول جاتی تھی اور چڑچڑا پن لوٹ آیا تھا۔ سوار ہوتا تو وہ کچھ ہی دیر بعد اُتر آتا، گھوڑے کو بُرا بھلا کہتا اور بیٹے کو ہدایت کرتا کہ مانڈو پہنچ کے اس بَدجناور کو چَمَر قسائیوں کے حوالے کرنا تاکہ اسے مار کے وہ اس کے کھَجیائے چمڑے سے ڈھول مَڑھیں اور تَسمے بنائیں، ہڈّیوں کھُروں سے اِس کی سَریش نکالیں۔ بیٹا اُسے تسلّی دیتا آ رہا تھا کہ ہاں رے بابا، ایسا ہی کروں گا۔
ایک بار جب بوڑھے نے یہی چمر قسائیوں والی بات دُہرائی تو لڑکی نے کہا، "بابا کنور نارنگ! ایک روز پہلے آپ نے کسی بات پہ کہا تھا کہ گھوڑا شَتریوں کا مِیت اور جانوروں میں سُوریہ وَنشی ہے۔ اِس پہ تو سُوروِیر لڑائی کے ہنگام بھی وار نہیں کرتے۔"
بوڑھے کنور نے اُسے کڑی نظر سے دیکھا۔ "ہاں، سو تو ہے۔"
"تو پھر ٹھنڈے سُبھاؤ سے اور جانتے بوجھتے اِس گھوڑے کو کیوں قسائی کو دیں گے، کیوں ماریں گے آپ؟ ... کیسے؟"
بوڑھا عیّاری سے مسکرایا۔ "ارے اِسے جانتے بوجھتے کون مارے گا لاڑی؟ دوک روج ماں سسرے کی یہ اگلی سدّھی ٹانگ ٹوٹ جاوئے گی تبھی چمرکسَیّے کو دیں گے نا... ایسے کون دیں گے۔"
لڑکا جو گھوڑوں کے ساتھ پیدل چلا آتا تھا اور اُن کی باتیں سن رہا تھا، ایک دم ہنس پڑا۔ پیٹ پکڑ کے بیٹھ گیا۔ کتنی ہی دیر بیٹھا ہنسی میں جیسے اُمگتا رہا۔
باپ بھی ہنسنے لگا۔ مڑ کے بیٹے سے بولا، "چل چل... آ جا... ہنسوڑ نئیں تو! ... لاڑی سمجھے گی بابا ٹھٹھول کرتا ہے۔"
لڑکی نے گھوڑا روک لیا۔ باپ بیٹے کی طرف باری باری دیکھا۔ سمجھ گئی اور خود بھی ہنس پڑی۔
مگر یہ ایک ڈیڑھ کوس بڑے جوکھم کے تھے۔
آگے بھی گھاٹ چوکی پہ ایک پرِیکشا اُن کا رَستا دیکھتی تھی... نہ، بلکہ ایک سے زیادہ آزمائشیں انتظار میں تھیں۔
گھاٹ پہ ایک ہی کشتی تھی جس کا پیندا توڑ کے چنڈالوں نے پتّھر پُور دیے تھے۔ کشتی ایک بازو جھُکی پڑی تھی۔ بس ایک ہی ڈیڑھ بالشت پانی سے باہر دکھائی دیتی ہو گی۔ چوکی کے رَکھشَک پرانے مبارک شاہی سپاہی مَرے پڑے تھے۔ ٹھگوں نے کچھ کھِلا پِلا کے بے خبری میں اُن کے ٹینٹوے دبا دیے تھے۔ بارہ تیرہ برس کا ایک ننگا لڑکا کشتی کی اوٹ لیے اُتھلے پانی میں کھڑا تھر تھر کانپ رہا تھا۔
بوڑھے نے جھُلَس کے کہا، "جے ہو پربھو!" مطلب، یہی سب دِکھانے کو رہ گیا تھا سو دِکھا رہے ہو۔
کہانی کا immediately آگے کا حصّہ روٹِین اور mundane اور شاید اس لیے غیر دلچسپ ہو جائے گا اگر ہم یہ سوچنے بیٹھیں گے کہ اُنھوں نے رکھشکوں کی لاشوں کا کیا کِیا ہو گا؟رکھشک کب سے مَرے پڑے تھے؟ یا ہمارے لوگ دریا پار کرنے میں کیسے کامیاب ہوے؟ ویسے پار اُترنا اتنا کوئی مشکل نہیں ہو گا کیوں کہ نربدا کو باڑھ دینے والی برساتیں ابھی دور تھیں اور جنیاتریوں کے پاس ایک چھوڑ دو گھوڑے ہوں اُن سے کھیج نہیں کرتا یہ دریا نربدا۔
کیسا ہے یہ دریا نربدا؟ تیکھے مزاج کا نَرسِمہا یا نرم خُو آبجو؟ یہ دیواروں سی اٹّھی چٹانوں کے بیچ سے گرجتا، جھاگ اُڑاتا گزرتا ہے تو میدانوں کھلیانوں کے پاس سے شیشہ دکھاتا نکل جاتا ہے۔ انوٹھا ہے یہ دریا۔ یہ اَبھی لڑاکوں، تَلوَریوں کا مِیت ہے تو اَبھی نایک اور کویراج اِس کے بَندھو ہیں جو ندی کے بَریجوں، گھاٹوں پہ اپنے اچھوتے گیتوں، راگ راگنیوں کی وَرشا کرتے مِٹّی سے اُمگتے ہیں اور سَت رنگی دَھنُش پہ جا نِواس کرتے ہیں کہ بہتا رہے یہ دریا نربدا۔
اور بہتا رہے یہ دریا نربدا۔
سو اُنھوں نے دریا پار کیا۔ پَرلے پار وہی گاؤں تل ونڈی تھا جو ہم سوچ کے بیٹھے ہیں __ پچاس باون گھروں کا چھوٹا سا پَسارا۔ لڑکا جو کشتی کے پاس ملا تھا تل ونڈی کا ہی تھا۔ باپ اُس کا مر چکا تھا۔ اُس کا، اس کی دو بہنوں اور ایک چھوٹے بھائی کا خرچ اٹھانے کو ماں چکّی پیس کے گزارہ کرتی تھی۔ مگر کام کم تھا، چھوٹا سا گاؤں جو تھا، عورتیں خود ہی پیس رِیندھ لیتی ہوں گی۔ کام کم ملنے کی وجہ سے سب کو کبھی فاقے بھی کرنے پڑتے تھے، اس لیے ماں نے اِسے کشتی والے کے پاس نوکر رکھا دیا تھا۔
شیر شاہی بندوبست میں گھاٹ چوکی کی کنجی سنبھالنے والا ابھی کوئی آیا نہیں تھا، پُرانوں ہی سے کام چل رہا تھا، کہ یہ حرامی ٹھگ آ کے چوکی پہ بیٹھ گئے اور آتے جاتوں کو لُوٹنے اور دریا میں بہانے لگے۔
تل ونڈی والے لڑکے کو اِن بٹ ماروں نے پہلے ہی دَھر لیا تھا۔ یہ کام کا نظر آیا تھا اس لیے اِسے مار کے دریا میں نہیں پھینکا تھا انھوں نے۔ گاؤں میں جا کے وہ اُس کے جھونپڑے اور گھر والوں پہ قبضہ کر کے بیٹھ گئے۔ وہاں اُنھوں نے کہہ دیا کہ ہم عورت کے بھائی بند اور بچّوں کے مامے ہیں۔
لڑکے کی ماں بہنیں اُن مامے لوگوں کی روٹی بناتی تھیں۔ چھوٹا بھائی دریا کنارے تک روٹی پہنچا دیتا تھا اور اِدھر سے خبریں لے جاتا تھا کہ کون کون آیا اور کام کی اَسامی ہے کہ نہیں۔ کام کی اَسامی ہوتی تو اِس پار آ کے وہ ٹھگ اُسے لُوٹتے اور ندی میں بہا دیتے۔ لڑکے سے وہ کہتے رہتے تھے کہ سیدھے سُبھاؤ مسافروں کی خبر رکھ، انھیں لاتا لے جاتا رہ۔ اگر کسی کو کچھ بتایا تو ہم اُدھر تیرے گھر میں بیٹھے ہیں۔ تجھے، تیرے بھائی کو تو مار ہی دیں گے۔ ماں بہنوں کے ساتھ جو کریں گے وہ تجھے پتا ہے۔
ایک دو مامے گھاٹ چوکی پہ ہر وقت لڑکے کے پاس رہتے تھے۔ رات بے رات یا دن میں دارُو پی کے جب جی کرتا تھا وہ اُسے ستاتے بھی تھے __ وہ مامے حرام کے جنے۔
لڑکے نے یہ سب کچھ روتے ہوے اور بڑی دیر میں بتایا تھا۔ لڑکی نے اور راج پوت لڑکے نے تل ونڈی جاتے ہوے اُسے بہت تسلّی دی تھی۔ بوڑھے نے بس ایک بار یہ کہہ دیا تھا کہ مامے کُچّودی کے اب ادھر نہیں آئیں گے۔ دو مر گئے ہیں، دو بھاگ گئے۔
لڑکے کو لے کے راج پوت باپ بیٹا اور لڑکی تل ونڈی پہنچے تو رات پڑ گئی تھی۔ سب گاؤوں کی طرح یہاں بھی آباد گھروں کے حاشیے پہ چماروں، ڈھیڑوں، پاسیوں کی جھونپڑیاں ہوں گی جو کتّے اور سؤر ضرور پالتے ہوں گے۔ ہمارے لوگ ان جھونپڑیوں کے برابر سے گزرے تو کتّے بھونکنے لگے اور باڑوں میں بند سؤر وقت بےوقت کی جُفتی چھوڑ کے الگ ہو گئے اور تنگ جگہوں میں بےچین ہو ہو کے کھڑبڑانے لگے۔
تل ونڈی والا لڑکا اپنے گھر پچھواڑے کی باڑ پھلانگ کے دوڑتا ہوا ڈھائی ہاتھ کے اپنے باڑے میں آواز دیتا ہوا گھُس گیا۔ اندر باہر کوئی نہیں تھا۔ پڑوس کی وہ بُڑھیا بھی جس کے ہاں ٹھگوں کے آئے پہ لڑکے کی ماں بہنوں نے شَرَن لی تھی، جھونپڑی خالی کر گئی تھی۔
دوئی گھروں میں اندھیرا اور سنّاٹا راج کرتا تھا۔ لڑکا رونے لگا۔
بوڑھا راج پوت جھونپڑی کے باہر سر نیہوڑائے کھڑا تھا۔ اُس کا بیٹا مُکھیا سر پنچ کو بُلانے گیا تھا۔ لڑکی نے ڈھونڈ کے دِیا جلا دیا، کچھ روشنی کر دی۔
دو حصّوں کی خستہ حال جھونپڑی تھی جس کے کچّے سِیلے ہوے فرش پہ ہاتھی کی جھول کا پرانا موم کپّڑ سا ٹکڑا پڑا تھا جس پر گھِسے پِٹے، چھوٹے بڑے لہنگے، لُگڑے، اَنگے، دھوتیاں، چولیاں، چُنریاں گلہریوں کے اکٹّھا کیے ہوے گوُدڑ سی بکھری ہوئی تھیں۔
تل ونڈی والے لڑکے نے اُکڑوں بیٹھ کے اِنہیں سمیٹنا شروع کیا۔ یہ بے مصرف کام کرتے ہوے وہ یوں کانپ رہا تھا جیسے تاپ چڑھی ہو۔
لڑکی پاس جا بیٹھی اور خود بھی وہ گودڑ سمیٹنے لگی جو کبھی اچّھے دنوں میں چھوٹی بڑی عورتوں کے پہننے کے کپڑے ہوں گے۔ اِنھیں میں لاکھ کا ٹوٹا ہوا ایک کڑا، بےجوڑ منکوں سے بنایا گیا ایک ہار، گِلٹ چڑھی ایک آدھی پونی کردَھنی، دانتے ٹوٹی سینگ کی دو کنگھیاں، چُٹلے، مُوباف، گودڑ نکلی دو گڑیاں، مٹّی کا ایک طوطا جس کی چونچ اور دُم جھڑی ہوئی، چھوٹی چھوٹی کُپّیاں جو گاؤں کے اَن گھڑے کاریگر مٹّی کے سانچے پہ جانور کی آنت چڑھا کے بناتے اور سُکھا لیتے ہیں، پھر اُن میں بھُٹّے کی چھُوچھَن کا ڈاٹ لگا تیل پھُلیل رکھنے کے کام میں لاتے ہیں... تو وہ کُپّیاں، ایک ٹوٹا شیشہ، ایک اَور قلعی اُترا کانچ کا ٹکڑا، ایسی بہت سی... بہت سی چیزیں جن کی سنگت میں چھوٹی لڑکیاں بچپن کا اور لڑکپن کا جادو بھرا زمانہ گزارتی ہیں اور جوانی کی حیران کرنے والی سِیما پار کر جاتی ہیں۔ تب یہ طوطے، گوُدڑ نکلی گڑیاں، پھُلیل کی کپّیاں، چُٹلے موباف، ٹوٹے شیشے، لاکھ اور کانچ کے ٹکڑے، یہ سارے جادو ٹونے دوسرے ارمانوں بھرے طلسمات میں بدل جاتے ہیں۔
لڑکی نے سوچا، جیسے الہ دین کہانی کا جادوگر پرانے چراغ سے نئے چراغ بدل دے۔
تو بس اِسی طرح یووَن آتا ہے اور سب کچھ رنگوں بھرا اور کولاہل کرتا اور چمچماتا چمکتا دکھائی دینے لگتا ہے، کس لیے کہ یہ دوسری گڑیوں، طوطوں، موبافوں، چٹلوں اور جادوؤں کی رُت ہوتی ہے۔ اس کے آکار اور رنگ ہی بڑے انوٹھے ہیں۔
لڑکی ہاتھی کی جھول پر ایک طرف سرَک کے بیٹھ گئی۔ اُس نے اِن پیاری، بےحیثیت، بے قیمت، انمول چیزوں کو اپنے لمس سے مَیلا نہ ہونے دیا۔ یہ تو تیرہ برس کے اِس اکیلے لڑکے کی دنیا تھی، اور وہ خود باہر سے آئی تھی۔ لڑکے کی اِس باقی بچی دنیا میں اِس طرح گھُستے چلے جانا اُسے اچھا نہ لگا۔ اُس کے گلے میں کچھ اٹکنے سا لگا۔ اُس نے یاد کیا کہ پھیلی ہوئی اس زمین پہ کہیں اُن میں سے دو ابھی زندہ ہیں جنھوں نے اپنے کِیٹ بھرے پنجوں سے چھوٹی لڑکیوں کا یہ اچھوتا طلسم گوڈ کے رکھ دیا ہے۔
لڑکی نے خود کو بتایا کہ بالکل خالی کوئی نہیں ہوتا، ہر ایک کے پاس وہ کچھ تو ہوتا ہی ہے جسے مٹایا جا سکے۔ لمبی خشک سالی میں زندہ رہ جانے والی چڑیوں کی طرح محرومی کی بھئے اَنکر سِیما پہ جینے والے ان یتیموں کے پاس اتنا کچھ تو تھا کہ جسے آرام سے برباد کر دیا گیا۔ اور ملیامیٹ کرنے والوں میں سے دو... اُس نے پھر یاد کیا کہ وہ دو کہیں نہ کہیں موجود ہیں اور وہ اِس پھیلی ہوئی دھرتی پہ سانس لے رہے ہیں۔
لڑکی کو سانس لینا دُوبھر ہو گیا۔ وہ جھونپڑی سے نکل آئی۔
دُور گاؤں کی اکیلی سڑک سے لوگوں کے چلنے، باتیں کرنے کی آوازیں اور گھوڑوں کی ٹاپیں سنائی دینے لگیں۔ شور قریب آتا گیا۔ سارنگ سنگھ گاؤں والوں کو لا رہا تھا۔
لڑکی بڑے میاں کے پاس جا کھڑی ہوئی۔
بھانت بھانت کی بولیاں بولتے، کھانستے، کھنکھارتے، طرح طرح کے ہتھیار اور دیہاتی مشعلیں اٹھائے گاؤں کے کوئی تیس پینتیس بوڑھے، جوان اور لڑکے سارنگ سنگھ کے پیچھے پیچھے آئے اور جھونپڑی کے آگے کے میدان میں کھڑے ہو گئے۔
باپ اور لڑکی کو باہر دیکھ کے سارنگ سمجھ گیا کہ وہ کہانی جو گاؤں والے سنانے آئے ہیں انھیں معلوم ہو چکی۔
مُکھیا ہجوم سے نکل کے آیا۔ کہنے لگا مہینےبھر سے یہ ڈکیت جھونپڑی پہ کبضہ کیے بیٹھے تھے۔ کہتے تھے ہم چالیس پرگنے کے ویاپاری ہیں۔ خود کو عورت کا بھائی بند بتلاتے تھے۔ کہتے تھے برسات لگنے سے پہلے چلے جائیں گے... یہ سسرے جھونپڑی میں رہتے تھے۔ عورت بچاری بچوں کو لے کے پڑوس کی بُڑھیا ڈھیڑی کنے اُٹھ آئی تھی۔
"کا کرتی بچاری۔ اُن ڈکیتوں کھوسڑی والوں کو پکا پکا کے کھِلا رئی تھی۔"
آگے کسی نے بتایا کہ چاروں بٹ مار عورت سے، نہ اُس کے بیٹوں بیٹیوں سے، کسی کو بات ہی نہیں کرنے دیتے تھے۔ وہ باہر نکلتی تو کٹار، بلّم، بھالا لے کے ایک جرُور ساتھ نکلتا تھا، ہنس ہنس کے باتیں مٹھارتا ہوا۔ جیسے سب ائی کھیم کُشَل ہے، کہیں کوئی گڑبڑی نہیں ہے۔
"اِتّے حرامی تھے چاروں۔ سچی بات تو یہ ہے بھیّا کی عورت اکیلی ایکانت میں ہوتی تو بھی کسی کے سامنے منھ نہ کھول پاتی۔ پکّی بات ہے۔ ان حرام جادوں کو جبھی بھی وہ میکے سے آیا ہوا ہی بتلاتی بچاری۔ اِتّی ڈری ہوئی تھی۔ ویسے وہ اُسے اکیلا ہی کب چھوڑتے تھے۔"
ایک کہنے لگا، "کبھی ہتھیار باندھ کے ایک دو روج کو لمبے نکلتے تو اونچی اَواج میں سب کو سنا سنا کے کہہ جاتے تھے کی اپنا بھائی بند اِدھری ہے، سب جنے ہماری بھین کا، اس کے بچوں کا دھیان کرنا۔ اور بھیّا! سچ بتائیں، کبھی تو لگتا تھا کی سچ مچ کے ویاپاری ہیں۔ یے بُکچے باندھ باندھ کے لاتے تھے اور بساطی کی جھونپڑی میں رکھتے جاتے تھے۔"
ایک بتانے لگا کہ بچوں کا باپ بساطی تھا۔ "جِندگی ماں بھی اُس نے بال بچّہ کو کون سُکھ دیا۔"
مکھیا بولا، "ویسے چاروں بٹ ماروں نے عورت کو کوئی چیج کی کمی نئیں ہونے دی۔ ناج، گھی، تیل، دال، گڑ، سبھئی ڈھیر کر کے رکّھا تھا سسروں نے۔ ایک بات بھل منسئی کی یہ تھی کی بساطی کی وِدھوا سے ماس اُوس کدے نئیں پکوایا۔ کھُد پچھواڑے جا کے بکرا مُرگا مار کے اپنا چولھا بنا، اپنے مٹّی کے باسنوں میں کھا پکا لیتے تھے۔ دارو چینڈو بھی اِدھر گاؤں میں نہیں پیا۔"
"ہاں۔ اور جو گھاٹ سے پی پا کے کبھی آ گئے تو اِتّی کوئی کھاص اُدّھم نئیں کی۔"
"ہاں رے، جو بات جِتّی ہو اُتّی کہنا چیّے۔ بھگوان کو بھی اک روج منھ دکھانا ہے۔"
یہ آخری بات گاؤں کے پَنڈے نے کہی تھی جو ہلدی چندن سے خوب اپنا ماتھا اور اپنی بھُجائیں رنگے آیا تھا اور دھوتی کے پلّے میں ہاتھ ڈالے اَنڈوے کھجائے جا رہا تھا۔
بوڑھا نارنگ سنگھ جو دھیان سے ایک ایک کی بات سنتا اور صورت دیکھتا رہا تھا، کھانسنے لگا۔ پھر ہلدی چندن لگے پنڈے کے سامنے اپنا کھنکھار گرا کے ہانپتا ہوا بولا، "ہئو۔ جو بات جتّی ہو اُتّی کہنا چیّے۔ اوئی چار مہاپُرُش دھرماتما لوگ نے جرور ہی پیسا کوڑی دے دلا کے تیرے سے اکھنڈ پاٹھ دھرم کاریہ کرایا ہوئے گا۔ ہاں۔ جتّی بات ہو اُتّی بتانا پَنڈے۔ کس لیے کی اک روج تیرے کو ای بھنڈسار پیٹ، ای تھال جیسو بوُتھا بھگوان کو جرور ہی دکھانا ہوئے گا۔ ہاں۔ پکّی بات۔"
پنڈا غصّہ ہو کے ہاتھ ہلانے، آنکھیں چلانے لگا۔ کچھ کہنے کو ہوا تو ٹھاکر لڑکے نے کڑک کے گالی دی۔ ہجوم سے بولا، "گنتی میں ایک بِیسی سے جیادہ جوان مَرَد ہو اس گاؤں میں۔ لڑیّوں جیسی چڑھی ہوئی ڈاڑھیاں بھی نجَر آ رئی ہیں۔ ارے نئے نویلے کڑیل بچھیرے کھڑے ہیں مونچھوں کو موم لگائے۔ جے پٹھار پہ ایڑی ماریں تو پانی نکلے... ایسے دَھوں تال سورما... تَروار برچھی اٹھائے پھرتے ہیں سَبرے... پر لعنت ہے تِہاری اوکات پہ، لعنت ہے! چار کتّے کے جنے بٹ ماروں سے اُس بِدھوا کو، اُس کے بچونگڑوں کو نئیں بچا پائے۔ تھُک ہے اِس مَری مردانگی پہ، تھُک ہے!" پھر وہ راج پوت لڑکا بےبسی میں ہاتھ پھیلائے مشعلوں کے دھوئیں میں گہرے گہرے سانس لیتا سب کی صورتیں تکنے لگا __ طوفان میں آئے درخت کی طرح بس کانپے جا رہا تھا۔
بوڑھے ٹھاکر نے بیٹے کے بازو پہ ہاتھ رکھ دیا۔ "ٹھاکُر! ٹھاکُر! صبَر! ... ارے سُپتر سب تیری طرحے جان ہتھیلی پہ لیے نئیں پھرتے۔ سارئے پُرُش لڑیّے نئیں ہوتے رے سارنگا! ارے اِن ماں دھُنیے، جُلاہے، بکروٹے، کھٹِیک، بَلاہی، پَنڈے، گھَس کھُدے، بانیے، مُکھیے، سرپنچ سبھئی پرکار کے جِیو ہیں۔ جو اپنی اپنی جان کی کھیم کُشَل مناتے ہیں تو کون بُرا کرتے ہیں۔ صبَر، ٹھاکر، صبَر!"
لڑکی کا جی چاہا کہ اب یا تو بساطی کے لڑکے کی طرح وہ چیخ چیخ کے رونا شروع کر دے یا سارنگ کی طرح خود کو غصّے کے حوالے کر دے۔
مگر پھربھی اُس نے دِھیرج سے سوچنے کی کوشش کی __ ذرا انصاف کرو، یہ سب شیر شاہی قلمرو میں ہوا ہے۔ مانڈو یہاں سے دن بھر کی مَسافت پہ ہو گا اور حاکم شجاعت خان سُوری بڑا منصف مزاج مَعدَلت گسُتر حاکم ہے۔ تو پھر کوئی بتلاؤ یہ سب کیسے ہوا۔
سو اُس نے اونچی آواز میں ہجوم سے کہا، "سنو۔ اِس گاؤں سے مانڈو بہت ہوا تو دن بھر کا رَستا ہے۔ ان تیس دنوں میں کیا ایک سوار بھی گاؤں سے نکلنے کی جِیوَٹ نہیں کر پایا؟ ... ایک بھی؟"
مکھیا بولا، "ناں ناں جی بائی ٹَھکُرائن! ایسی بات نئیں ہے۔ بساطی کی عورت کے کنے دو دفعے مَنے آدمی بھیجا، کی بول بائی مانڈو کھبر کراؤں؟ پر وہ مانتی نئیں تھی۔ بولتی تھی لڑکا گھاٹ چوکی پہ بَندی ہے... مار دیں گے اُسے۔"
ہجوم میں رَستا بناتا ایک نیم وحشی بوڑھا آگے آنے کی کوشش میں دھکّا پیل کر رہا تھا۔ کوئی اُسے رستا دینے کو تیّار نہیں تھا۔ سب دھُتکار رہے تھے۔ کسی نے کچھ پوچھا تو وہ جواب میں مم مم کر کے رہ گیا۔ ایک لڑکے نے برچھی کی ڈانڈ سے کچوکا دیا۔ "چال اِیدر سے... چنڈال!" لڑکی کی اُس کی نظر ملی۔ اُسے لگا وہ کچھ کہنا چاہتا ہے۔ "آنے دو، آگے آنے دو اِسے۔"
"ارے باؤلا ہے چنڈال۔ بھگاؤ اسے اِدَر سے،" بھیڑ میں بہت سے بولے۔ دو ایک نے اُس کی ٹانٹ پہ چپت جما دیا۔ "کاہے آ گیا رے... تُو بھاگ جھاں سے۔"
"مم... میری سُن ٹھاکر! ای مُکھیا مُکھیا مُکھیا حرام کا جھوٹا ہے، جھوٹا جھوٹا۔" ایک لڑکے نے منھ پہ اُس کے اُلٹے ہاتھ کا جھانپڑ دیا۔ "چال! سَوری کے!" لڑکے کا رنگ روپ کھائے پیے مکھیا جیسا تھا۔
وحشی نظر آتے بڈّھے کو چوٹ آئی۔ منھ سے لار اور خون بہنے لگا۔ اب دو تین اَور اُسے دھکّے دے کے ہٹانے لگے۔
"ٹھیرو، ٹھیرو رے!" بوڑھا ٹھاکر بولا۔ "آنے دو اِسے!"
مکھیا نے حقارت سے کہا، "سِڑی باؤلا ہے سوری کا... جانے دے ٹھاکُردا!"
"نن نن نئیں ٹھاکر! ماں بولوں... ای ای حرام کا... جھوٹا ہے۔"
مکھیا کے ناتےدار دکھائی پڑتے جوان نے ایسی ٹکا کے لات ماری کہ بڈّھا ہجوم کے دائرے سے باہر جا گرا۔ کوئی بولا، "اَور ایک لگے جما کے!"
سارنگ نے اب نیام کا پَرتلا سیدھا کیا، مشعلوں کی روشنی میں آیا اور سب کو جیسے دِکھاتے ہوے دو انگلیوں سے گھُنڈی تُکمہ کھول دیا۔ اُس کی تلوار اب کھینچی جا سکتی تھی۔
بوڑھے نارنگ اور لڑکی نے بھی اپنے دائیں بائیں پھیل کے جگہ بنائی اور بھیڑ کو ہتھیاروں کے درشن کرائے۔
مکھیا نے خواہ مخواہ ہاتھ اٹھا دیا جیسے سب لوگوں کو، جو ویسے ہی پیچھے سرکنے لگے تھے، پُر سکون رہنے کو کہہ رہا ہو۔
سارنگ ڈپٹ کے بولا، "بڈّھے کو اٹھاؤ۔ آگے آنے دو اسے۔ کہنے دو کیا کہتا ہے۔ بات سنو اس کی۔"
کسی نے بڈّھے کا ہاتھ پکڑ کے آگے کر دیا۔ وہ لڑکھڑاتا تھا اور اپنے ہاتھ کی پُشت سے ہونٹوں پر لگا خون پونچھتا تھا۔
"بولو کیا بولتے تھے۔"
"یہ یہ... مکھیا حرام کا۔"
سارنگ نے سمجھا کے کہا، "گالی مت دو کوئی کو۔ اپنی بات کہو، اپنی۔"
"ای ی، جھجھوٹ بولتا۔"
"اچّھا؟ کیا جھوٹ ہے؟"
"ہاں، چنڈال ہے مکھیا۔ جھوٹھا... جھوٹ۔" ہجوم نے ایک ساتھ ہنس کے اُس کی آواز دبانی چاہی۔ نارنگ ٹھاکر نے ہاتھ اٹھا کے چپ کرایا۔ وحشی دکھائی دیتے بڈّھے کو حوصلہ ہوا۔
بولا، "لکھمی کے کنے... بساطی کی بِدھوا کے کنے آدمی بھیجا تھا، مکھیا نے... لکھمی کے کنے۔"
سارنگ بولا، "اچھا پھر؟"
"آدمی بھیجا تھا لکھمی کے کنے۔"
"ہاں ہاں، پھر؟"
"... بساطی کے، مسلمان کے گھر بیٹھ گئی تھی نا۔"
ہنستی ہوئی بھیڑ کو جیسے سانپ سُونگھ گیا۔
"ہاں اِس چنڈال چودے نے آدمی بھیجا تھا کی مر گیائے بساطی اَبی اَبی اَبی... گونا کر لے مجھ سے گونا۔ پنڈے بھی راجی تھے۔ سُدّھی کرنے کو راجی تھے... بولتے تھے گونا کر لے اِس حرام کے سے..."
ہجوم کے اندھیرے سے ایک کم زور آواز آئی۔ "چنڈال ہے۔ جھوٹ بولتا ہے سَوری کا۔"
کھُلے میں تیس پینتیس جانوں کے ہوتے بھی لگتا تھا کوئی نہیں خالی میدان پڑا ہے۔
جھونپڑی سے اُٹھتی بس ایک بار بساطی کے لڑکے کی سسکیاں سنائی دی تھیں۔
بوڑھا ٹھاکر آگے آیا۔ اُس نے سُرخی تھوکتے اُس آدمی کے شانے پہ ہاتھ رکھ دیا۔ رَسان سے پوچھا، "لڑکے کا باپ مسلمان تھا کا؟ ... ہاں بھیّا؟"
اُس سے پہلے خود مُکھیا بول پڑا، "ہئو مسلمان تھا۔"
ٹھاکر بکرم نارنگ سنگھ اُس کی طرف گھوم گیا۔ "... جبھئی تم نے... سبرے گاؤں نے کھبر نئیں پُنچائی؟ ... لکھمی مسلمان کے گھر بیٹھ گئی تھی... بچّے پہ بچّہ جَن رئی تھی... ہاں؟ ... کا اے مَرجی تھی تِہاری؟ کی گاؤں کا کلنک ٹھگوں کے ہاتھ سے میٹ جائے؟ ... پھر گدّے پہ گانڑ دَھر کے، نچِنت ہو کے بیٹھو سبئی کے سب... ہاں؟" ہاں کہتے ہوے راج پوت کی آواز ٹوٹ گئی۔ بیٹا سنبھالنے کو بڑھتا تھا مگر پھر رُک گیا۔
مُکھیا دھیمی آواز میں بولا، "نئیں... ای بات نئیں ٹھاکردا!"
"تو؟ پھر؟"
"اُس سے... لکھمی سے، مَنے مانڈو کا پوچھا تھا۔ پر... نائیں کر دی اُس نے۔" اِدھراُدھر دیکھ کے وہ کھسیائی ہوئی ہنسی ہنسا۔ "آپ جانو ٹھاکردا! جنانی کی اَکَل میں جو ایکئی بار بیٹھ جائے سو..."
"تھپّڑ مار کے سبرے دانت جھاڑ دوں گا۔ کوکری کے جَنے! مُکھیا ہے تُو کی بدجَناوروں کی بھَڑوَت کرتائے؟ سَوری کے کلنک!" بوڑھے نارنگ سنگھ کی آواز جیسے کنویں کے جگت پہ گرائی ہوئی تھالی تھی جو باہر کے پھیلاؤ میں اور اندر کی گہرائی میں بجتی چلی جا رہی تھی۔
"بابا! بابا!" سارنگ نے باپ کے شانوں کو اپنی میٹھی گرفت میں لے لیا۔ "بابا! ای تلونڈی جِندوں کا گاؤں نئیں مَرے مُردوں کا گاؤں ہے۔ مُردے نِواس کرتے ہیں اِدھر۔ پہلے میں سمجھا تھا اِس گرام میں ہیجڑے بستے ہوں گے، اِس کارَن گصّہ کرتا تھا۔ پر اَب سمجھا ہوں... ایجِندوں کا گاؤں نئیں سَمسان ہے... ہم چار بِلاوجے نکل آئے اِدھر۔"
گاؤں کے لوگ پہلے ایک ایک دو دو کر کے، پھر ٹکڑیوں میں، اپنی جوتیاں کھسَر کھسَر کرتے اندھیرے میں گھُل گئے۔
خالی میدان میں کب تک کھڑے رہتے __ راج پوت باپ بیٹا اور وہ لڑکی جھونپڑی کی پھٹکی کھول سایوں کی طرح چلتے ہاتھی کی جھُول پہ جا بیٹھے۔
چیتھڑا کپڑوں کے ڈھیر پہ سجدے کی مُدرا میں پڑا تل وَنڈی والا لڑکا سسکیاں لیتا تھا۔

٭ ٭ ٭

صبح ہوئی تو لڑکی نے گاؤں کے چھوٹے کنویں سے، جو ڈھیڑوں، چماروں، پاسیوں کے لیے اور بساطی کے گھر والوں کے لیے چھوڑ دیا گیا تھا، پانی بھرا۔ پانی لاتی تھی تو اُس نے دیکھا کہ بوڑھا کنور جھونپڑی کے کھُلے دروازے کے آگے ہاتھی کی جھول بچھائے، دُولائی اوڑھے بیٹھا ہے۔ پانی کے بھانڈے رکھ لڑکی نے پالاگن کیا تو ٹھاکر نے اُس کے سر کو ہاتھ لگا کچھ بُدبُدا دیا۔ وہ جا کے آگ چَیتانے کا جتن کرنے لگی۔ ٹھاکر اُداس، اَدھ کھلی آنکھوں سے اُسے دیکھتا رہا۔ سامنے اُس کا بیٹا چھَتنار کے سائے میں پیال ڈالے بے خبر پڑا سوتا تھا۔
آگ چیتا کے لڑکی بوڑھے کے پاس آئی۔ بولی، "ٹھاکر ددّا! ابھی تمھارے لیے شکرقندی بھُونے دیتی ہوں۔ سارنگ اٹھے گا تو روٹی بنا دے گا تمھاری۔"
ٹھاکر نے پہلے لڑکی کی طرف، پھر اُسارے سے ٹیک لگائے بیٹھے بساطی کے لڑکے کی طرف دیکھا، کھنکھار کے دھیرے سے بولا، "نئیں لاڑی! شکرکندی رہنے دے۔ میرے اور اِس لالِت کے لیے ایک ایک روٹی ڈال دے۔ تَنِک اچار دے دے... ہم دوئی جنے اَہار کر لیں گے۔" ٹھاکر نے لا وارث لڑکے کو لالِت کہا تھا __ لاڈلا __ اور اس نے لڑکی سے اپنے لیے روٹی بنانے کو کہا تھا۔ لڑکی نے اپنے دل کی مسرّت میں کچھ بولنا چاہا۔ مگر نہیں... چپ رہنا اچھا ہے۔ اُس نے جو سنا سب ٹھیک ہی سنا ہے، اور اس میں حیران ہونے کی کیا بات ہے؟ اُس نے بوڑھے کنور کی آج سویرے کی آنکھوں کا لَکشَن یاد کیا جن میں غصّہ تھا اور نمی تھی۔ وہ اپنی اُمگتی ہنسی والا چہرہ چھپائے شکر گذاری میں مڑی اور چولھے کے پاس آ بیٹھی۔
ٹھاکر اور چھوٹے لڑکے کے لیے اُس نے دو روٹیاں بنائیں، اُن پہ گھی لگایا اور مٹّی کے کونڈے میں روٹیاں اور اچار رکھ کے ٹھاکر کے پاس لے آئی۔ وہ اُسارے کے برابر کھڑا کلّی کر کے منھ پہ چھینٹے مارتا تھا۔ پھر اُس نے چادر لپیٹی، چھوٹے لڑکے کو اشارہ کیا۔ بولا، "لاڑی کے ہاتھ سے کونڈا لے لے رے اور چل میرے سنگ۔" خود وہ ایک ہاتھ میں رسّی بندھی پیتل کی جگر جگر کرتی گڑوی لیے، دوسرے میں نیام کی ہوئی تلوار سنبھالتا احاطے سے نکل گیا۔ بساطی کا لڑکا پتّے سے ڈھکا ہوا کونڈا اٹھائے پیچھے پیچھے تھا۔
ٹھاکر چھوٹے لڑکے سے اونچی آواز میں بات کرتا، مانو سب کو سُناتا، گاؤں کے بڑے کنویں کی طرف چلا تھا۔ یہ کنواں تین اونچی جاتیوں کے لیے تھا۔ چوتھی جاتی شُودر، اور وہ سب جو شودر تک نہیں تھے، بڑے کنویں کے پاس پھٹک نہیں سکتے تھے۔ یہ اُن کی پرچھائیں سے بھی خراب ہو سکتا تھا، یہ اونچی جاتیوں والا کنواں۔
کنور تو شَتری تھا۔ بڑا کنواں بےشک اُس کا کنواں تھا __ وہ جب چاہے جا سکتا تھا، آ سکتا تھا، پھر جا سکتا تھا __ مگر یہ کیا کر رہا ہے ٹھاکر؟ لڑکے کو ساتھ کیوں لے جا رہا ہے؟
بوڑھا ٹھاکر اُسے اونچی آواز میں یہی بتاتا آ رہا تھا کہ ہم دوئی جنے بڑے کھُو سے پانی کھینچیں گے، پھر اُدھر ہی کھُو کے مَنچ پہ بیٹھ کے اَہار کریں گے۔
لڑکا چپ تھا، یا بہت سے بہت بڑے میاں کی ہر بات پہ ہُوں ہاں کر کے سر ہلا دیتا تھا۔ کنور گلیاروں سے گزرتے ہوے اونچی آواز میں اُسے بار بار سمجھا رہا تھا کہ ہم مَنچ پہ بیٹھ کے روٹی توڑیں گے۔ یہ کھُو تیرے باپ کے اور تیری ماں کے گاؤں کا کھُو ہے... میرا بھی ہے۔ کوئی ہم کو کائےکو ٹوکنے لگا۔ ہم دوئی جنے کسی کا کیا لیتے ہیں۔ بس پانی کھینچیں گے، اُدھر مَنچ پہ بیٹھ کے روٹی توڑیں گے دوئی جنے۔ روٹی ابھی گَرَم ہے۔ لاڑی کے ہاتھ کی روٹی ہے۔ اُس نے گھی چُپڑ کے دیا ہے اِتّا اِتّا۔ ساتھ میں اَمبی کا اچار ہے۔ وہ دھیمی ہنسی ہنسا۔ ہہہ ہا۔ ارے سوبھاگیہ ہے اپنا کی گھی چُپڑی گرَم روٹی امبی کا اچار ملا ہے۔ روج روج کون ملتا ہے۔ آ، آ جا۔ اِدھر رکھ دے کونڈا منچ پہ۔ لے مَیں پانی کھینچے لیتا ہوں۔
گاؤں کی جو عورتیں پانی بھر رہی تھیں وہ کنور اور چھوٹے لڑکے کو آتا دیکھ کے اپنے برتن بھانڈے سنبھال ہٹ گئیں۔ چلی گئیں اپنے گھروں کو۔ وہیں گاؤں کے لڑکے بھی کھیلتے تھے۔ دو تین خبر کرنے کو دوڑ گئے۔ تین چار وہیں کھڑے رہے۔ سمجھتے تھے کوئی ایسی بات ہونے والی ہے جو اُنھیں دیکھنی چاہیے۔
لڑکی اور سارنگ سنگھ ہتھیار سنبھالے دوڑے دوڑے آ گئے تھے۔ انھوں نے دیکھا ٹھاکر نے کنویں کے جگت سے تلوار ٹِکا دی ہے، گڑوی سے پانی کھینچ وہ منچ کی کچی مٹّی پہ کلّی کرتا ہے۔ پھر اُس نے چھوٹے لڑکے کو اشارہ کیا۔ اُس نے بھی گڑوی سے پانی لے منچ کے برابر کلّی کی۔
سارنگ سنگھ نے مسکراتی آنکھوں سے لڑکی کی طرف دیکھا۔ کہنے لگا، "مَنے بولا تھا نا؟ بابا میرا بڑا جِدّی ہے۔"
لڑکی نے مسکراتے ہوے ہاں میں سر ہلایا۔
چوراہے میں کھُلنے والی سب گلیوں میں لوگ اکٹّھے ہو گئے تھے۔ بساطی کے بیٹے نے کنویں کے منچ پہ بیٹھ کے کلّی کی تھی تو ایسا لگا تھا کہ جیسے ہزار چھَتّوں سے لاکھوں مَدھوماکھیاں گُنجن کرتی اُٹھی ہیں۔ سارنگ نے اور لڑکی نے سر گھما کے دیکھا، گاؤں کے سبھی دیکھتے تھے۔ پنڈا اور مکھیا نہیں آئے تھے۔
بوڑھے کنور نے کونڈے پہ ڈھکا کیلے کا پتّا ہٹایا۔ ایک روٹی لڑکے کی طرف سرکائی، دوسری اپنی طرف کھینچی۔ اَمبی کا ایک ٹکڑا اپنی روٹی پہ رکّھا، دوسرا لڑکے کو بڑھا دیا۔ پھر چاروں طرف ناراض آنکھوں سے دیکھتے ہوے نوالا توڑ لیا۔
لڑکا اپنا نوالا منھ کی طرف لے جاتا تھا کہ نارنگ ٹھاکر جھَنجھَناتی ہوئی آواز میں بولا، "تجھے بِسملّا بولنی کوئی نے نئیں سکھائی رے؟"
بساطی کا لڑکا چمک گیا۔ ڈری ہوئی آواز میں بولا، "بِس مِلّا!"
کنور نے تسلّی دی۔ "ہاں شاباش... اب کھا۔"
اور خود اِدھر اُدھر دیکھتے ہوے اُس نے منھ میں نوالا رکھ لیا۔ "جَے جَے پربھو!"
جتنی دیر وہ دونوں کنویں کے منچ پہ کھانا کھاتے، پانی پیتے، ہاتھ منھ دھوتے رہے، گاؤں والے گلیوں کے دہانوں پہ موجود رہے۔ بوڑھے ٹھاکر کے اٹھتے ہی گلیارے خالی ہو گئے۔ بستی کے بیرونی حاشیے سے چھ آٹھ ڈھیڑ، پاسی، چمار دوڑے دوڑے آ گئے تھے۔ وہ پرانے پیپل کی اوٹ لیے اونچی جاتیوں کے کنویں کی دُرگتی دیکھتے رہے۔ وہ ڈرے ہوے تو ہوں گے ہی، پر بوڑھے ٹھاکر کو عقیدت سے بھی دیکھتے جاتے تھے اور دانت نکالے مسکرا رہے تھے۔
لڑکی نے اُن لوگوں کو مسکراتے دیکھا اور دل ہی دل میں کہا، ہاں یہ ٹھیک ہے۔
کنور بکرم نارنگ سنگھ اُوجّینی ایک ہاتھ میں رسّی بندھی گڑوی، دوسرے میں جوٹھا کونڈا اٹھائے کنویں کا منچ چھوڑ کے اپنے بیٹے اور اُس لڑکی کی طرف چل پڑا۔ چھوٹا لڑکا دونوں ہاتھوں سے اُس کی تلوار سنبھالتا پیچھے پیچھے آ رہا تھا۔
٭٭٭

موتبر کی باڑی

باڑھ آتی تو سمندر کا پانی سَلایہ گاؤں کے ٹخنوں تک آ جاتا۔ گھونگھے، سیپیاں، آبی گھاسوں کے الُجھے ہوے لچّھے، بے گنتی کیکڑے، پچاسوں قسم کے جیو جانور اور مچھلیاں۔۔ اَور بھی بڑے کام کی چیزیں جوار میں چلی آتیں۔ پھر بھاٹے کے ساتھ ہی چُننے والوں کے مزے آ جاتے __ یعنی اگر چُننے والے کہیں ہوتے تو ان کے مزے آ جاتے۔
سمندر ان سب کام کی چیزوں کو سلایہ گاؤں کے پیروں میں ڈال کے ہٹ جاتا۔ پھر جو کچھ بھی جس کو بھلا لگتا، اُٹھا لیتا۔۔ مگر وہی بات ہے کہ کوئی ہوتا تب نا۔ سلایہ میں تو بہت ہی کم آدمی تھے اور انھیں سمندر کی لائی ہوئی چیزوں کی زیادہ پروا بھی نہیں تھی۔
ہاں آبی پرندوں کو تھی۔ آبی پرندے سلایہ میں گھر والوں کی طرح آتے جاتے رہتے۔ جوار کے وقت اگر وہ کہیں دور ہوتے تو پانی کے اُترتے ہی چیختے، کلکاریاں مارتے، سیٹیاں بجاتے سلایہ گاؤں میں آ جاتے۔ اور صرف یہیں کیوں؟ دور دور تک، میلوں تک، رن کے پورے پھیلاؤ میں سَنسَناتی پھرتیں یہ سِی گلز اور مٹّی پانی کی سب چڑیاں۔ دوسرے ملک کی سرحدوں میں گھس جاتیں، پھر اِدھر آ جاتیں، پھر اُدھر چلی جاتیں۔
تو پرندے برابر آتے جاتے رہتے تھے۔ انھیں روکنا نہ اِس طرف کے رینجروں، تپک برداروں کے بس میں تھا، نہ اُس طرف والوں کے۔
پرندوں کے ساتھ یہی رہتا ہے۔
اور آدمی کا یہ ہے کہ وہ پرندہ نہیں ہوتا۔
پانی کے اندر اور پانی کے باہر چوکیاں بنائے بیٹھوں ہؤوں کے، اور طرح طرح کی ایمفیبئین گاڑیوں، اسپیڈ بوٹوں میں بیٹھے ہؤوں کے، نہ تو بس میں تھا چڑیوں کو روکنا اور نہ انھیں کوئی ضرورت تھی کہ وہ روکتے۔
اور ضرورت کا یہ ہے کہ آدمی سے آدمی تک ضرورتیں بدلتی رہتی ہیں۔
اِدھر کے رینجروں، تپک برداروں کو اُدھر والوں سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، سوا اس کے کہ وہ اپنی دوربینوں سے اندھیرے میں یا پانی کی چمک میں دوسری گاڑیوں کو جاتے آتے دیکھتے تو فائر کھول دیتے۔ پھر اُدھر سے جواب آتا اور یہ جواب کا جواب دیتے رہتے۔۔ جب تک جی کرتا۔ کبھی بھی، دن میں، رات میں، جوار میں، اُتار میں یہ سب ہوتا تھا، ہوتا رہتا تھا۔ ہاں کبھی جو اسمگلر بیچ میں پڑتے تو کچھ طے جیسا ہو جاتا اور اِدھر اُدھر کے فائدے کی کوئی بات چل نکلتی اور دھیرج سے سوچ بچار کر کے وہ لوگ اسمگلروں کو آنے جانے دیتے اور اِدھر اُدھر دونوں طرف کے مزے آ جاتے۔ مگر یہ سب بہت ہوشیاری سے کیا جاتا تھا۔ کبھی کبھی ایسا بالکل بھی نہ ہو پاتا۔ اس میں سلایہ گاؤں والوں کا زپٹادہ کچھ بیچ نہیں تھا۔ ان کے ہاتھ میں کچھ تھا ہی نہیں۔ مطلب رینجروں، تپک برداروں، معتبروں، پولیس والوں کے چاہے سے جتنا انھیں ملنا ہوتا مل جاتا ورنہ وہ سب تو یہ گاؤں چھوڑ کے برسوں پہلے نکل گئے ہوتے۔ کاہے کو پڑے رہتے یہاں؟ گھونگھوں، سیپیوں، آبی گھاسوں، فضول مچھلیوں اور جیو جانوروں پر ہمیشہ کون گزارا کر سکتا ہے؟
اس بات سے یہ نہ سمجھنا چاہیے کہ سلایہ کوئی اسمگلروں کا گاؤں تھا۔ نہ۔ یہ سبھی کا تھا۔
ٹیلر ماشٹر کا بھی۔
دراصل ٹیلر ماشٹر سلایہ کے پہلے معتبروں میں سے تھا۔ اُس نے دوسری جنگ عظیم میں انگریزوں سے فوجی وردیوں کے بہت بڑے بڑے ٹھیکے لیے تھے اور سلایہ میں (خبر نہیں یہیں کیوں) لاکھوں روپے کے خرچ سے سرخ گرینائٹ کی بڑی شان دار حویلی بنوائی تھی جو باڑی کہلاتی تھی۔ ٹیلر ماشٹر کا نام جب علاقے کے معبتروں کی فہرست میں ٹانک لیا گیا اور باڑی میں رینجر اور پولیس کے افسر آ آ کے ٹھہرنے اور مرغ کٹوا کٹوا کے کھانے لگے تو اندازے سے کہیں زیادہ مالدار ٹیلر ماشٹروں کی اس حویلی کو پولیس والوں نے معتبر (یا موتبر) کی باڑی کہنا اور لکھنا شروع کر دیا۔
اصل ٹیلر ماشٹر انگریزوں کے چلے جانے سے پہلے ہی مر گیا تھا۔ اس کا بیٹا کسی بڑے جنگی شہر میں اب سلے سلائے کپڑوں کا کارخانہ کھولے بیٹھا تھا، اور کیوں کہ وہ بھی بہت بوڑھا ہو گیا تھا اس لیے اس نے اپنے دو بیٹوں کو بھی سلایہ سے بلا لیا تھا اور آرام سے کارخانہ چلا رہا تھا۔ افریقہ میں کسی جگہ اس کا تیسرا بیٹا موجود تھا جو کارخانے کا مال اَور بھی دور دور بھیجتا تھا۔ سلایہ گاؤں کی اس سنگین تین منزلہ باڑی کو کارخانے والے ماشٹر کا بھانجا چلا رہا تھا۔ بھانجے نے مشہور کر رکھا تھا کہ وہ (جنگ عظیم دوم والے) اصل ماشٹر کا پوتا ہے، حالاں کہ وہ صرف اس کا نواسہ تھا۔ سلایہ سے بڈھے ماشٹر اور اس کے بیٹوں کے دور دور رہنے کی وجہ سے اسی بھانجے ماشٹر کو "موتبر" لکھا اور پکارا جاتا تھا۔ رینجروں، تپک برداروں، پولیس والوں کے سب اُجلے گندے کام یہی کرتا کرواتا تھا۔ وہ حویلی کی تیسری منزل سے بھی اوپر لک آؤٹ کی طرح بنے ایک کمرے میں رہتا تھا۔ شاید اسے وہاں سے سمندر کا پانی چڑھتا اُترتا دکھائی دے جاتا ہو گا۔
گندھی کے بیٹے اور اس کی معشوقہ آلی کو سلایہ گاؤں کی طرف چوری چھپے آتے ہوے سب سے پہلے اسی نے دیکھا تھا۔
لیکن گندھی کے بیٹے اور اُس کی معشوقہ کے بارے میں تو ابھی آپ کچھ نہیں جانتے۔
بتاتا ہوں۔
گندھی کا بیٹا دکان دار تھا، کوئی راج پوت، بامن نہیں تھا، مگر اپنے حسابوں اس نے بڑا دلیری کا کام کیا تھا، یعنی لڑکی کو بھگا لایا تھا، اس لیے جب سلایہ میں اسے دھر لیا گیا تو اس نے پریٹنڈ کیا کہ وہ کھتری ہے اور اس کا نام ساون سنگھ راٹھوڑ ہے (جو اس کا اصل نام نہیں تھا)۔
جہاں سے وہ بھاگ کے آیا تھا وہاں وہ عطر کی دکان پر بیٹھتا تھا۔ دکان اس کے باپ کی تھی۔ اور یہ لڑکی آلی دکان کے سامنے والے چوبارے پر وقت بےوقت ٹنگی رہتی تھی، جبھی گندھی کے لڑکے کو اسے بھگا لے جانے کا خیال آیا۔ اس نے ا پنے باپ کی تجوری سے حاصل کیے گئے سونے کے بسکٹ کمر سے باندھے اور لڑکی کو، جو لال دوشالہ اوڑھے تھی، ساتھ لے کے شہر سے منھ اندھیرے نکلنے والی بس میں سوار ہو گیا اور پھرتا پھراتا سلایہ آ گیا۔ اس کا ارادہ تھا کہ وہ دونوں یہاں سے، کچھ دے دلا کے، نگر چلے جائیں گے جو اس کے خیال میں سرحد پار کوئی محفوظ جگہ ہے جہاں لوگ بال وِدھوا سے شادی کرنے کا برا نہیں مناتے، اس لیے کہ وہ دوسرا ہی کوئی ملک ہے۔
جب رینجروں، تپک برداروں، پولیسیوں، مخبروں نے انھیں ترکیب سے گھیر لیا اور لڑکے سے اس کا نام پوچھا تو اس نے کہہ دیا کہ ساون سنگھ راٹھوڑ میرا نام ہے اور میں بی اے، ایلایل بی کیا ہوا وکیل ہوں اور یہ لڑکی (جس کے ساتھ وہ برابر سوتا ہوا آ رہا تھا) میری عورت ہے۔
سلایہ کے موتبر، اُس جھوٹے پوتے / نواسے / بھانجے، کو لڑکے کی باتیں سن کے اور لڑکی کا لال دوشالہ دیکھ کے بہت مزہ آیا۔ اس نے رینجروں، پولیس والوں سے کہہ کے اپنی (موتبر والی) باڑی میں دونوں کو بند کرا لیا اس لیے کہ یہاں تھانہ حوالات جیسا تو کچھ تھا نہیں۔ اور علاقے کے ڈی ایس پی کو، جس کا وہ خاص آدمی بنا ہوا تھا، اس نے وائرلیس دلوا دیا کہ دو سی گلز ایسے ایسے پکڑی گئی ہیں۔ ایک نَر ہے اور ایک مادہ۔ آپ آ جاؤ۔ سلایہ میں موجود ڈی ایس پی کے ایک اَور خاص آدمی تین فیتوں والے ہیڈکانسٹبل نے لڑکے کا بیان لے کر باڑی کے کسی باہری اندھیرے کمرے میں ان دونوں سی گلز کو ہنکا کے دروازے پہ ایک کلو کا تالا ڈال دیا۔ پھر وہ کرسی کھینچ کے موتبر کی پّرانی شاٹ گن سنبھالے پہرہ دینے لگا۔
باڑی کے کمرے میں بند کر دیے جانے کے بعد لڑکی بہت دیر تک پچھتاتی اور روتی رہی۔ لڑکے نے اسے دلاسا دیا اور دلاسا دیتے ہوے وہ اس کے ساتھ سویا بھی۔ لڑکی نے رونا بند کر دیا اور وقتی طور پر اسے حوصلہ ہوا اور اس کا خوف جیسے دور ہو گیا۔
رات میں لڑکے کو (جس نے زیادہ کچھ سوچے بنا اپنا نام ساون سنگھ راٹھوڑ اور پتا راٹھوڑ کوٹ، گڑھ کلاں، اور اپنا پیشہ وکالت بتا دیا تھا) ٹکڑوں ٹکڑوں میں نیند آئی اور اسے کچھ ڈر بھی لگا مگر کیوں کہ اس کے پاس کچھ کیش اور وہ سونے کے بسکٹ تھے اس لیے زیادہ تر اسے حوصلہ رہا۔ پھر یہ بھی تھا کہ بھگائی ہوئی لڑکی ساتھ تھی، اس کا مورال بھی ہائی رکھنا تھا، اس لیے گندھی کے لڑکے نے ہمت باندھے رکھی۔ رات میں نیند اُچٹ اُچٹ جاتی تو اسے خیال ہوتا کہ لڑکی کو جگا لے، اس سے باتیں ہی کرے۔ مگر وہ جانتا تھا کہ وہ دونوں صرف باتیں نہیں کریں گے، انھیں اَور بھی مصروفیت لگ جائے گی۔ اسے باہر اتنے قریب بیٹھے ہیڈ کانسٹبل کی جھجھک تھی جو ان کی ذرا سی بھی آہٹ سن کے کھانسنے لگتا تھا۔
رات میں ایک بار لڑکے نے یہ بھی سوچا کہ یہ لڑکی کیوں کہ بال ودھوا ہے، اس کی شادی وغیرہ یہاں نہیں ہو پائے گی، تو ممکن ہے مجھے انسانی ہمدردی میں اسے بھگا لے جانے کا خیال آیا ہو، جو اس صورت میں ہرگز کوئی بُری بات نہیں ہے۔
پھر اس نے سوچا بُرا یا بھلا جیسا بھی ہے، اب تو جو ہونا تھا ہو چکا۔
ابھی اندھیرا ہی تھا جو ہیڈ کانسٹبل نے بھاری دروازے پر پڑا وزنی تالا کھولا اور کمرے کے اندھیرے میں پکار پکار کے انھیں پوری طرح سے بیدار کر دیا۔ "بکیل صااحب! راٹھوڑ جی۔۔ اے ٹھاکر! بکیل صااحب!"
لڑکا تو یہی سمجھا کہ کہیں کسی وکیل صاحب راٹھوڑ جی ٹھاکر کو بلایا جا رہا ہے اور اس پکار سے اسے کوئی سروکار نہیں، مگر پھر یاد آیا اور وہ جھٹکے سے اٹھ بیٹھا۔ وکیل ساون سنگھ راٹھوڑ، گڑھ کلاں کا ٹھاکر بچّہ کہیں آس پاس میں، اس پورے گاؤں سلایہ میں کوئی نہیں تھا۔ یہ سب خود وہی ہے اور اسے ہیڈ کانسٹبل پکارتا ہے۔
"کہو دیوان جی! بولو؟" بستر سے اٹھ کے آنکھیں مَلتا وہ دروازے میں جا کھڑا ہوا۔
ہیڈ کانسٹبل دو نالی شاٹ گن اٹھائے بالکل سامنے کھڑا تھا۔ اس کی سرکاری قمیص وردی کی پتلون سے نکلی ہوئی تھی اور چہرے پر نیند پوری نہ کر پانے کی جھونجھل تھی۔
لڑکے کو دیکھ کے وہ بولا، "جنگل جانے کا ہے؟"
لڑکا کچھ نہ سمجھا۔ صورت تکنے لگا۔ ہیڈ کانسٹبل نے پھر اپنی بھرّائی ہوئی آواز میں پوچھا، "ارے کا جنگل نئیں جانا؟" تب لڑکے کی سمجھ میں آیا کہ وہ ٹوائلٹ جانے کا پوچھ رہا ہے۔ اس نے دھیرے سے کہا، "اِدھر باڑی میں ہی کوئی بندوبست ہو جاتا تو اچھا تھا۔"
پولیس والا بولا، "ہاں ہاں۔ باڑی ماں ہی سبئی کچھ ہے۔۔ یا ہی پوچھتے ہیں تمار۔ جانا ہو تو ایس طرحے، اُس باجو لِکل جاؤ۔۔ سدّھے۔"
جس طرف اس نے اشارہ کیا تھا لڑکا اُدھر چل پڑا۔
پولیس والا کھلے دروازے کی طرف پشت کر کے شاٹ گن کو لاٹھی کی طرح ٹیک اپنی ڈیوٹی بجانے لگا۔
لڑکا "جنگل" ہو آیا تو دیکھا ہیڈ کانسٹبل شاٹ گن گود میں رکھے دروازے سے دور کرسی پر بیٹھا چائے پیتا ہے اور ان کے قید خانے کے دروازے پر میلہ سا لگا ہے۔ دو تین بچے اور تین جوان عورتیں یا لڑکیاں کھلکھلاتی، شور مچاتی کچر کچر باتیں کر رہی ہیں۔
لڑکے نے یہ بھی دیکھا کہ لڑکی آلی اس کی طرف متوجہ ہے اور مسکرا رہی ہے __ مطلب ان کے لیے اسیری میں دن کی شروعات بری نہیں ہوئی تھی۔
ہیڈ کانسٹبل نے وضاحت کی۔ بولا، "یہ سبئی باڑی کی عورتیں ہیں۔ بائی کا سنا۔ اپنی جِمّےداری پہ بائی کو بھیتر باڑی ماں لئی گئیں۔ آؤ نا۔ یہ کرسی کھینچ لو۔۔ چا پی لو تم بھی۔"
پولیس والے سے اتنی اونچی آواز میں اپنا ذکر سن کے تین میں سے دو عورتیں انھیں دیکھنے لگیں۔ ان میں سے وہ جس کے گال پہ چھوٹا سا تِل تھا، لڑکے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کے دیکھتی تھی اور ایک بار پینترے سے مسکرائی بھی تھی۔ پینترا بہت واضح تھا۔
باپ رے باپ۔ یہ سویرے ہی سویرے کیا شروع ہو گیا؟ لڑکے نے گدگدی کے ساتھ سوچا۔ مگر اس نے خود ہی آنکھیں چرا لیں اور مجرموں کی طرح اپنی آلی کی طرف دیکھا۔
آلی اَور مسکرانے لگی۔ گندھی کے لڑکے نے چائے پینی شروع کر دی۔
یہ عورتیں ہی پولیس والے کے لیے اور اس کے لیے چائے لے کر آئی تھیں اور اب اجازت ملنے کا انتظار کر رہی تھیں۔اجازت اس بات کی کہ اگر"ٹھاکر صاحب" کہیں تو بائی "ٹھکرائن"کو عورتیں اندر لے جائیں۔ "اب کی کچھ کھلائی پلائی دیں۔"
نقلی ٹھاکر صاحب کے لیے اندر کمرے میں ناشتہ رکھ دیا گیا تھا۔ اس نے سوچا چائے ختم کر لوں، پھر آرام سے اندر جا کے ناشتہ کروں گا۔
جنگ عظیم والے ماشٹر کے گھر کی عورتیں __ شاید اس کی پوتیاں، پڑ پوتیاں، پُت بہویں__ اتنی تمیزدار تو ضرور تھیں کہ ان چھوٹی چھوٹی مگر اہم باتوں کا خیال رکھ سکیں۔
لڑکے کے ہاں کہنے پر وہ اپنے ہنستے کھلکھلاتے مختصر جلوس میں لڑکی آلی کو پھر اندر لے گئیں۔
ہیڈ کانسٹبل اپنا ناشتہ لے کر بیٹھ گیا۔ گندھی کا لڑکا کمرے میں آ گیا۔
ناشتے سے بھی باڑی والوں کی خوش حالی، تمیزداری کا اندازہ ہوتا تھا۔
لڑکا بعد میں اندر ہی لیٹ گیا اور اپنی حالت پر غور کرنے لگا۔ مگر ہیڈ کانسٹبل کرسی کھینچ کے دروازے کے عین سامنے آ بیٹھا تھا اور اپنے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اچھے برے پوائنٹس پر کھلے دل سے بک بک کر رہا تھا۔ کہنے لگا کہ اِدھر کا ڈی ایس پی اچھا آدمی ہے۔ وہ ہے تو موسلمان، پر خوش مزاج بہت ہے اور چھوٹے بڑے عہدے کا، اونچ نیچ کا بھید بھاؤ نہیں رکھتا۔ سبھی سے مزے سے ہنستے ہنساتے بات کرتا ہے۔ یہ ساری باتیں اپنی جگہ مگر بھیّا! جب کھوپڑی گھوم جائے ڈی ایس پی صاحب کی تو اچھے اچھے اے ایس آئی لوگ تک کی ایسی تیسی کر دیتا ہے۔ اور بھیّا! ایک اے ایسآئی کو تو "سُپھری صاب" نے بید سے مار بھی لگا دی تھی۔ باپ رے باپ!
"سپھری صاب" عجیب سا نام تھا مگر علاقے کا ڈی ایس پی وہی تھا۔ لڑکے نے سوچا یہ "سپھری" کہیں سپرنٹنڈنٹ کی بگڑی ہوئی شکل نہ ہو۔
سپھری صاب، مسلمان، خوش مزاج اور موڈی۔۔ شاید غصّہ ور۔ اور طے شدہ طور پر رشوت خور۔ اس لیے کہ جو پولیس والا رشوت نہیں لے گا وہ بدتمیز تو ضرور ہو گا۔ خوش مزاج ہرگز نہیں ہو سکتا۔ یعنی اپنے دیانت دار، لاکھوں میں ایک ہونے پر اِترائے گا ضرور اور اسی لیے دوسروں کا جینا ضرور دوبھر کرے گا۔
ہیڈ کانسٹبل نے بتایا کہ میسیج آیا تھا، کہیں شام تک سپھری صاب پولیس کی نفری لے کے پہنچے گا۔ لڑکے نے حیرت ظاہر کی اور کہا کہ اتنی چھوٹی سی بات پر ڈی ایس پی عہدے کا افسر تو نہیں آتا اور تم کہہ رہے ہو ادھر ڈی ایس پی آئے گا۔
ہیڈ کانسٹبل نے ایک آنکھ دبائی۔ "سلایہ میں تو سپھری صاب جروری آئیں گا۔" ویسے ہی چوکی معائنے کو مہینا میں دو دفعے آتا ہے۔ پھر یہ تو اس کی پسند کا کیس ہے۔ "کچھ نئیں کچھ نئیں تو اِدھر دو رات جروری رکیں گا۔"
لڑکے نے پوچھا، "پر دیوان جی! کیس کیا ہے کچھ پتا تو چلے۔ آکھر کون جلم کیا ہم پتی پتنی نے؟"
وہ بولا، "کیس تو سپھری صاب ہی بتائیں گا کی کیا ہے۔ ہم تو اِتّا جانتے ہیں کہ سلایہ باڈر کا گاؤں ہے اور تم دوئی کا ایسا ہے کہ پتی پتنی نئیں لگتے۔"
لڑکا بُرا مان گیا۔ "واہ! یہ کھُوب بولے کی پتی پتنی نئیں لگتے۔ پتی پتنی لگنے کو کا تمھار آگے ناچ کے دکھائیں۔۔ کی، وہ سب کریں؟ آں؟۔ ۔ اچرج کی بات ہے دیوان جی!"
پولیس والے نے بے نیازی سے کہا، "ہاں۔۔ ہوئے گی۔"
"ہئو۔ اور یہ کا بول رئے تھے کی ادھر دو رات رکے گا تمھار صاحب؟ ایسی کون بات ہے؟"
پولیس والے نے گول مول جواب دیا، "ہو سکتا ہے تمھار باسطے رکے۔۔ ہو سکتا ہے کسی اَور کارن رکے۔"
"اَور کارن کیا ہوئے گا؟"
ہیڈ نے آنکھ دبائی اور ہنسا، "سمزا کرو ٹھاکر! اپنا سپھری صاب دل فینک آدمی ہے۔ کا کھبر اِدھر سلایہ ماں کئونوں کھینچ کھینچ کے بلاتا ہوئے اسے۔ ہاں؟ ہاہاہا۔"
پولیس والا، اور وہ بھی ہیڈ کانسٹبل درجے کا، ملزموں سے زیادہ بےتکلف نہیں ہوتا، شاید اُس وقت تک بےتکلف نہیں ہوتا جب تک کچھ ملنے ملانے کی امید نہ ہو۔ اس ہیڈ کانسٹبل نے جو اپنے باس کے قصے سنانے شروع کیے تو گندھی کے لڑکے نے سوچا، کہیں ایسا تو نہیں کہ اس نے سویرے سویرے لائن ملانی شروع کر دی ہو۔
ٹھیک ہے اسے اپنی اور لڑکی کی جان چھڑانے کے لیے رشوت خور پولیس والوں کی ضرورت تھی۔ تو بس، رشوت کے سلسلے میں حوصلہ افزائی کرتے ہوے اس نے باتوں کا رخ سپھری صاب کی پیسے بٹورنے کی خداداد صلاحیت کی طرف موڑ دیا۔
ہیڈ بولا، "باپ رے باپ! سپھری صاب جیسا پھکیت تو ادھر سبرے باڈر ایریے ماں دوسرا کوئی ہے ہی نہیں۔" پھر اس نے بڑی بڑی رقموں کے درجنوں کیس گنا دیے جو سپھری صاب کامیابی سے کر گزرے تھے۔ رقمیں ہیڈ کانسٹبل کے حساب سے، بلکہ اس کے سپھری صاب کے حساب سے بھی، بڑی ہوں گی مگر موجودہ حالات میں گندھی کے لڑکے کو مونگ پھلی کے دانوں جیسی دکھائی دیں۔ تاہم ہیڈ صاحب کی تسلی کے لیے اس نے رقمیں سن سن کے "باپ رے باپ!" اور "ارے مار دیا!" اور "اوہو ہوہو!" کہنا شروع کر دیا۔ پہلی بار اسے اطمینان ہوا کہ صورتِ حال ہرگز اس کے قابو سے باہر نہیں ہے۔ اس کے بسکٹ ضرور اپنا جادو دکھائیں گے اور چند گھنٹوں میں دونوں صاف نکل جائیں گے۔
آدمی کے ساتھ یہ سب اگر نہ ہو تو ایسے ہی دہل دہل کے وہ مر جائے۔
لڑکی آلی باڑی میں گئی تو جیسے وہیں کی ہو رہی۔ پولیس والوں کو ملزمہ کے اندر مفقود الخبر ہو جانے پر کوئی تشویش نہیں تھی۔ انھیں معلوم تھا کہ موتبر کی باڑی کا ایک ہی دروازہ ہے جس کے سامنے چارپائی ڈالے اَور دو پولیس والے بیٹھے ہیں۔ ملزمہ چڑیا تو ہے نہیں جو باڑی کے آنگن سے پر مارتی اُڑ جائے گی۔ اس کا عاشق یہ ملزم چھیلا تو یہاں بیٹھا ہی ہے ہیڈ صاحب کے سامنے۔ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
دوپہر کا کھانا بھی اندر سے آ گیا۔ وہی مسکرانے والی قیامت لڑکی رخسار پر تل دھرے، نوکرانی کے ہاتھوں پہ تھال اٹھوائے، پہلے ہیڈ صاحب کے پاس پہنچی، ایک نظر کمرے کی نیم روشن فضا پر ڈالتی تیزی سے گھوم کے چلی گئی۔ پھر لوٹی تو نوکرانی کے ہاتھ سے لڑکے کا تھال لیے کمرے میں آ گئی۔ دھیرے سے، جیسے نوکرانی کو بھی نہ سنانا چاہ رہی ہو، بولی، "ٹھاکر صاب! کہو تو کوٹھڑی ماں دیوا جلوائی دیں؟" لڑکے کی آنکھیں روشن ہو گئیں۔
خواہ مخواہ آواز اونچی کر کے اس نے کہا، "نہیں نہیں، ٹھیک ہے۔ چراگ دیوا رہنے دو۔ سب نجر آ رہا ہے۔"
تل والی اسی طرح دھیمی رازدارانہ آواز میں ہنسی۔ بولی، "اچھا بتاؤ تو اِی کتنی اُنگل یاں ہیں؟"
اس نے انگلیاں لفظ کو ٹکڑے کر کے ادا کیا تھا اور وہ شرارت سے آنکھوں میں آنکھیں ڈالے مسکرا رہی تھی۔ نیا پینترا یہ تھا کہ انگلیاں دِکھانے کو اس نے ہاتھ تک نہیں اٹھایا تھا۔
ساتھ آئی نوکرانی کمرے کی چوکھٹ پہ ان کی طرف پشت کیے بیٹھی تھی۔ ہیڈ کانسٹبل اپنا تھال اٹھا کے چلا گیا تھا اور اُدھر ماتحتوں کے پاس بیٹھ کے روٹی کھانے لگا تھا۔۔ اور لڑکے کے ساتھ بھاگی ہوئی لڑکی ابھی اندر باڑی میں تھی۔ مطلب، سب ٹھیک ٹھاک تھا۔
گندھی کے لڑکے نے دل ہی دل میں جیسے بانہیں لہرا کر خوشی کا بے آواز نعرہ سر کیا اور بہت دھیمی آواز میں پوچھا، "نام۔۔ کا ہے تمھار؟"
لڑکے کو گپ چپ کے کھیل میں شامل ہوتے دیکھ کے وہ تِل والی کھُل کے ہنسی۔ اس ہنسی کی آواز بہ مشکل دہلیز پار کر سکی ہو گی۔ "نام ہے جی نیلما۔"
"نیل ما!" لڑکے نے نام کو مزےدار میٹھی گولی کی طرح منھ میں پھِرایا۔ کھیل کو اَور آگے بڑھایا۔ پوچھا، "نیلما! تم ہمار عورت کو کاں گائب کر دیا؟"
وہ میز پر تھالیاں، کٹورے جماتی جا رہی تھی، ہاتھ روکے، نظر اٹھائے بغیر بہت دانش مندی سے کہنے لگی، "ٹھاکر کی جنانی گائب نئیں ہوتی۔۔ حاجر رہتی ہے۔۔ چنتا مت کرو ٹھاکر!"
"چنتا کئیسے نہیں کریں۔۔ اُسے سَبیرے سے نہیں دیکھا۔"
اس نے اپنا ہاتھ اپنے سینے پر رکھا، بولی، "اِدھر سینے ماں تَص بِیر تو بنی ہو گی ٹھکرائن کی۔۔ ابھی او ہی کا دھیان کر لو۔۔ لو، روٹی جیم لو۔"
لڑکے کی چھاتی میں جیسے نقّارے پر چوب پڑی۔ مگر نیلما سر پہ پلّو لیے کھڑی ہو گئی تھی۔
وہ جانے کو ہوئی، اور اب وہ مسکرا نہیں رہی تھی۔
ایسے مزے کی بات کہہ کے اس کا سنجیدہ ہو جانا بھی کھیل کا حصہ تھا۔ اس وقت مسکرا کے، فقرے لگا کے، اُلجھا کے، وہ بس چلی جانا چاہتی تھی تاکہ "ٹھاکر" اس کے دھیان میں۔۔ اسی کے دھیان میں رہے اور نہ دکھائی دینے والے جال میں اچھی طرح لپٹ جائے۔ پھر دوبارہ جب وہ، تِل والی، آئے تو یہاں اسے ایک بےبس بندھا ہوا ٹھاکر ملے __ پوری طرح شکار کیا ہوا۔
مگر گندھی کا لڑکا یہ کھیل اِس طرح نہیں کھیلنا چاہتا تھا۔
بھُک مَرے، ندیدے مرد کی طرح ہاتھ مَلتے ہوے اس نے تھالیوں، کٹوریوں پہ آنکھیں گڑا دیں۔ "اوہو ہوہو! بڑی کوئی مجے مجے کی ہانڈیاں بنوا لیں بھئی۔ کھُش بُو ایسی چل رئی ہے تو سواد بھی گجب کا ہوئے گا۔ مجے آ گئے ٹھاکر کے۔۔ لے ری نیلما کماری! ماہتاری کو اپنی بولنا کی ٹھاکر تمھار مجوان بڑا ہی کھُش ہے۔ وا وا وا!"
وہ اس انداز کو سمجھنے کی کوشش میں پہلے کچھ دیر گپ چپ کھڑی رہی، پھر کھلکھلا کے ہنس پڑی۔ حسبِ معمول آواز اس کی کمرے کی دہلیز سے نہ نکل پائی ہو گی۔ "لے بھلا۔۔ کماری کون بات کی؟۔ ۔ ٹھاکر جی کی سنو! ماہتاری ہمری اِدھر کاں بیٹھی ہیں۔۔ ارے اِی باڑی ہمرا میکا نئیں، سسرال ہے۔"
لڑکا حیرت سے بولا، " ہاہ! بہو ہو تم باڑی کی؟۔ ۔ سچ بولوں، دیکھے سے تو نئیں لگتیں۔"
یہ بہت پرانا، بڑا آزمودہ پینترا تھا۔ کسی شادی شدہ عورت سے یہ کہہ دینا کہ وہ لڑکی لگتی ہے، بہت آسان فریب کاری اور بڑی زود اثر خوشامد ہے۔
لڑکا جو بھی کرنے جا رہا تھا __ اور معلوم نہیں کیا کرنے جا رہا تھا __ اس میں بہرصورت اس قید خانے کے آس پاس اپنے ہم نوا، ہمدرد پیدا کرنا ضروری تھا۔ اگر صرف چاپلوسی کی رشوت سے یہ عورت بھی مددگاروں کی جماعت میں شامل کر لی جائے تو کیا بُرا ہے۔
وہ ہوا سے جھکائے گئے پھول کی طرح آگے آئی اور اس بار بھی دھیرے، بہت ہی دھیرے سے بولی، "دیکھے سے بھلے ہی ناں لگیں ٹھاکر جی!۔۔ پر اصل ماں تو ہم باڑی کی بہو ہیں نا۔۔ بڑی بہو۔"
"ہم نئیں مانتے۔۔ اوں ہنک! بہو بھلے ہی ہو گی، پر بڑی بہو کون بات کی؟۔ ۔ اتّی جرا سی بڑی بہو؟"
وہ اور آگے جھک آئی۔ اس کی سانس مُلیٹھی کی میٹھی تازہ خوشبو میں بسی ہوئی لڑکے کے چہرے سے ٹکرائی اور لوٹ گئی۔ اس کے نرم کلیوں جیسے گلابی نتھنوں نے شاید خود اپنی ہی سانس کی سُگندھ واپس لی تھی __ تازہ ملیٹھی کی سگندھ __ اور وہ اس بات پہ ہولے سے مسکرائی بھی تھی۔
لڑکے نے گہری سانس بھری۔ اس کے لیے یہ سب بہت زیادہ تھا۔
اس نے ابھی کھانا شروع نہیں کیا تھا۔ وہ جانتا تھا یہ نیلما بڑی بہو اُس وقت تک یہاں رہ سکتی ہے جب تک روٹی نہیں توڑ لیتا وہ۔ ایک بار کھانا شروع ہو گیا تو عورت کو جانا ہو گا۔ طریقہ یہی ہے۔ کوئی بھی عورت بس اپنے گھر کے مرد کے آگے رک سکتی ہے۔ ۔ پنکھا جھلنے کو۔ اس کے سوا، مرد عورت کوئی بھی کھانا کھاتا ہو، آداب یہی ہیں کہ سامنے سے ہٹ جاتے ہیں۔
گندھی کے لڑکے نے سوچ لیا کہ بہت دیر تک کھانا شروع نہیں کرے گا۔ باڑی کی اس عورت کو سمجھنا، ہمدرد بنانا ضروری تھا۔ اس وقت پولیس والا بھی پیٹ پوجا میں لگا ہے۔ تو پھر صحیح ہے۔
"اِتی جرا سی بڑی بہو؟" کے جواب میں اپنا چہرہ لڑکے کے قریب کیے تِل والی نے انکار میں سر ہلایا۔ "ناں جی۔ اب اتے جرا سے بھی نئیں ہیں۔ کنور صاب! تم گلط بات کاہے بولتے ہو؟ ہمار کھش کرنے کو؟"
لڑکے نے ہاں میں سر ہلایا۔ "کیوں نئیں۔ تمھار کھش کرنے کو تو ہم جَون کسم کہو اٹھائی لیں۔ جھوٹھی سچی۔ جو بولو تو جہر کھائی لیں۔۔ بولو گردن کٹائی دیں تمھار کھش کرنے کو۔"
اس کی اداکاری کامیاب جا رہی تھی۔ باڑی کی عورت کو جیسے سن کے ہی نشہ ہو گیا تھا۔
مگر وہ کچی بچی بچونگڑی بھی نہیں تھی۔ ہولے سے ٹھٹّھا مار کے بولی، "یا ہی سب آلی ٹھکرائن کو سنائے کے رِجھا لیا ہوئے گا۔ ہاں؟ بڑے کھلاڑی دکھائی پڑتے ہو کنور جی!"
گندھی کا لڑکا ایک دم سیریس ہو گیا۔ "بھگوان کی لِیلا ہے نیلما کماری، کی کھبر نئیں مایا جال ہے، جو آلی ٹھکرائن میں ہمار کو مانو اَردھ چندرما دکھائی دیا تھا۔ ۔ آدھا چاند۔ سو ہم چل پڑے مالک کا نام لے کے۔"
بڑی بہو نیلما کی سانسیں اب ہموار نہیں رہی تھیں۔ اس نے اَور بھی آہستہ سے پوچھا، "اور ہمار ماں؟۔ ۔ ہمار ماں کا دیکھا ٹھاکر تُو نے؟"
"تیرے میں ست پورنما ہے۔۔ سَوں بھگوان کی! پورا جگر جگر کرتا چاند ہے تیرے میں۔ ۔ جوٹھ بولوں تو دونوں ای آنکھیں چلی جائیں۔"
پریشان ہو کے وہ ایک دم بول پڑی، " دَھت! ایسا نئیں بولو ٹھاکر مہودئے! ایسا نئیں بولو، نئیں ہم تو کہیں کے ناں رہ جان گے۔۔ ہاآں۔ ایسا مَتی بول رے۔" آخری ٹکڑا اس نے جیسے بڑی بےبسی میں کہا تھا۔
لڑکے نے کہا، "ہم تو اَور بھی کچھ بولنے کو بیٹھے ہیں۔ تم سننے والی جم کے سنو تب نا۔ ۔ پون جھکولے سی آئی ہو۔ ۔ چلی جاؤ گی۔" اس نے دہلیز پر بیٹھی نوکرانی کی طرف اشارہ کیا۔ "پھر کھبر ہے کب آتی ہو کی نئیں آتیں۔ اور جو آتی ہو تو کیا کھبر ایسی ایسی اور دوئی چار جنانیاں ساتھ لے ای آؤ۔ ۔ کی کوئی بات ہی ناں کرنی ملے۔"
وہ ہنس پڑی، یعنی بہت دھیمی آواز میں۔ اور بولی، "ایسی کون بات کرنی ہے ہمار سے؟ ہاں رے کنورجی؟ اور اِی بےچاری ناین؟۔ ۔ کا کر لے گی بےچاری؟۔ ۔ کوئی روکتی ہے بات کرنے کو؟۔ ۔ ارے ای تو بہری ہے، نپٹ بہری۔ سن ہی نہ پائے گی، بھلے کو جتّی باتیں مٹھارو۔"
"تو پھر سن نیلما کماری! سانجھ پڑے سے پہلے تیرے سے بات ہونی چیّے۔ ۔ گھنی لمبی بات۔ ۔ اور جبی ہمری ٹھکرائن نئیں ہووے اس وکھت۔ ۔ اور ای وردی والا ناں ہوئے تب بات ہونی چیّے۔ ۔ ․․ لَم بی۔ ہاں۔"
"بردی والے اب ناں جائیں۔ ۔ انھوں نے جانا ہے تو پھر تمھار کو، ٹھکرائن کو لئی کے جانا ہے۔ ۔ اور جبی چلے ای جاؤ گے تو ٹھاکرجی، پھر کیسی بات؟ کاں کی بات؟۔ ۔ سَبرا کِصّہ ہی کھتم۔ ۔ ہاآ ہہہ!" اس نے ٹھنڈی سانس بھری، سر جھکا لیا جیسے اس خیال ہی سے اداس ہو گئی ہے کہ ٹھاکر غریب چلا جائے گا۔
سچ بات ہے، گندھی کے لڑکے نے سوچا۔ اگر یہ اداکاری ہے تو بڑی بہو نیلماجی کماری کی اداکاری مجھ سے کہیں اچھی جا رہی ہے۔
مگر سب سے ضروری بات یہ جاننا تھا کہ بڑی بہو کا آدمی، یعنی باڑی کا بڑا بیٹا یا پوتا، جو بھی ہے، وہ یہاں باڑی میں تو ہو گا ہی۔ وہ سسرا کب سامنے آئے گا؟ وہ اگر اس وقت تاڑی مہوا لگا کے سویا پڑا ہے تو، پہر دن گئے سہی، اپنی کوٹھریا سے نکل کے تو آئے گا۔ پھر یہ سرگوشیاں کرتی نیلما بہو جہاں کی تہاں رہ جائے گی۔ یہ رازدارانہ پینترے، یہ کھِلواڑ، ہنسی ٹھٹّھا، سب دھرا کا دھرا رہ جائے گا۔ لائن کٹ جائے گی اپنی۔ تو اس لیے لڑکے نے جیسے گھبرا کے پوچھا، " تمھار آدمی؟۔ ۔ سویا پڑا ہے کا؟"
تل والی نے ٹھنڈی سانس بھری۔ "کا کھبر، سویا ہے کی جاگتا ہے۔ اور جو سویا ہے تو اِکلّا سویا ہے کی ساتھ ماں تکیہ پر کوئی بال چھِٹکائے لیٹی سانسیں بھرتی ہے، ڈائن۔"
"ارے باپ رے باپ! ای کا بولتی نیلما کماری؟ جرا پھر سے تو بول۔ اِدھر باڑی میں تمھار کوئی سوتن چنڈالنی ہے کہ تمھار آدمی کے برابر لیٹی گھمر گھمر سانس بھرتی ہے؟۔ ۔ ․․ ہاہ! رام رام کرو۔ ای کس ڈھنگ کی بات بولی؟۔ ۔ پھر سے تو بولو۔"
وہ بےاختیار ہنس پڑی اور اب کے مزے میں، گویا بے سوچے سمجھے، لڑکے کے ہاتھ پر ہاتھ مارا۔ ہاتھ پھاہے سا نرم اور جیسے بخار میں بھُن رہا تھا۔ کاجل بھری آنکھیں گلابی ہوئی جاتی تھیں۔ چمک کے بولی، "اِدھر کی بات ناں کرو۔ باڑی ماں ہمار چھاتی پر کون سوتن چنڈالنی لئی کے بیٹھے گا؟ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کے چیر نئیں ڈالیں گے سسری کو۔" پھر وہ اداس ہو گئی۔ گندھی کے لڑکے کے شانے کو چھوا۔ پھر اس کی انگلیاں قمیص کے کالر پر آ گئیں۔ انگوٹھا اور شہادت کی انگلی گدی کے بالوں پر جا ٹکے تھے اور۔۔ لڑکے کو وہم سا ہوا کہ وہ شاید اس کے بالوں کو سہلاتی یا سنوارتی تھی۔ اس نے ہاتھ پر ہاتھ رکھ دیا اور چچ چچ کہتے ہوے اس کا غصہ ٹھنڈا کرنا چاہا۔ لڑکے کا خیال تھا کہ وہ اپنے آدمی کی دوسری عورت، اُس سوکن، کے ذکر سے برہم ہو گئی ہے اور اسے چھُو کر منا لینا چاہیے۔ مگر وہ راز داری سے ہنس پڑی۔ "ارے باڑی ماں کدھر بیٹھا ہے ہمار آدمی۔۔ اُو سہر ماں ہے سہر ماں۔ پشچم کی اور اُدھر بڑا جنگی سہر ہے نئیں، ادھر کارکھانہ ہے ہمار آدمی کا۔ کپڑا سینے کا۔ جبر جنگی کارکھانہ۔ اُدھری رہتا بستا ہے ٹےلر ماشٹر، ہمار آدمی۔ سال پیچھے ایک مہینا کو آتا ہے ہمار کلیجا ٹھنڈا کرنے کو۔ ۔ ڈاڑی جار!"
عورت نے یہ سب بہت جھُلس کے کہا تھا، خاص طور پر کلیجا اور ٹھنڈا کے لفظ۔ اور آخر میں اس نے اپنی کوئی گالی "ڈاڑی جار" بھی ڈال دی تھی، جس کا مطلب کیا خبر نوچی ہوئی ڈاڑھی والا تھا یا صفاچٹ ڈاڑھی والا، یا کچھ اور۔ جو بھی ہو، عورت کو غصہ بہت تھا۔
گندھی کے لڑکے نے ذرا گردن جھکائی اور تسلّی کے لیے اس کی سہاگ چوڑیوں کو اپنے بند ہونٹوں سے چھو لیا۔
اُسی وقت دروازے کی طرف سے ہیڈ کانسٹبل کی آواز آئی، "ہے بائی! ای تھالی بھانڈا لے ای لو۔"
دَھت تیری پولیس والے کی! لڑکے نے دل میں کہا اور سامنے رکھی تھالی میں ہاتھ پہنچا کر روٹی توڑ لی۔
اور اب بڑی بہو نیلما کماری نے پہلی بار خاصی اونچی آواز میں اسے مشورہ دیا۔ "کوئی چیز کی جرورت ہوئے تو بتائی دینا ٹھاکر!" اور مُلیٹھی کی میٹھی سگندھ لیے وہ کمرے سے چلی گئی۔ دہلیز پر بیٹھی ناین ہیڈ صاحب منحوس کے ہاتھ سے تھالی برتن لے کر مالکن کے پیچھے پیچھے چل پڑی تھی۔
"ٹھاکر جی" کھانا کھا کے فارغ ہوے تو اندر باڑی سے آلی ٹھکرائن آ گئی۔ وہ آئی تو لڑکے نے دروازہ بند کر لیا۔ لڑکی جھپٹ کے پلنگ کے پاس آ بیٹھی اور سہیلیوں آلیوں کی طرح سے سر جوڑ کے دونوں نے ایک دوسرے کو اپنی اپنی رپورٹ دی۔
پہلے تو لڑکی آلی نے شرارت سے گندھی کے لڑکے کو پیٹ میں کہنی مار کے جتایا کہ ہاں رے، تجھے نین لڑانے، راج دھاری، ہنسی ٹھٹھول کرنے کو گورے گال کے کالے تِل والی ماشُوک مل گئی ہے۔ "تیرے تو ٹھاکر، آ گئے ہیں مجے!"
لڑکے نے کہا، "تُو کیوں جلتی ہے! تُو بھی نین لڑانے کو ڈھونڈ ڈھانڈ لے کوئی ٹھاکر چھیلا۔"
پھر دونوں میں ہلکی جھک جھک ہوئی۔ ذرا سی دیر میں کسی نے کسی کو منا لیا اور لڑکے نے اپنی حکمت عملی بتائی کہ تِل والی کے ساتھ کیا، کیوں اور کس طرح کوئی کھیل کھیلا جا سکتا ہے تاکہ دونوں کی گردن اِدھر سے چھوٹ جائے۔
لڑکی آلی کی آنکھیں چمکنے لگیں۔ اس نے لڑکے کو تِل والی کے بارے میں اَور بتایا۔
بڑی بہو نیلما سے متعلق اس کی معلومات بہت کچھ مکمل تھی۔ ایسی باتیں جو صرف عورتوں کے مشاہدے میں آ سکتی تھیں، لڑکی آلی نے دیکھی، سنی اور سمجھی تھیں۔
ویسے تو نیلما بڑی خوش مزاج اور سب کا خیال کرنے والی عورت دکھائی پڑتی تھی، لیکن موتبر کی باڑی میں اگر کسی سے ڈرا، خوف کھایا جاتا تھا تو وہ یہی نیلما بڑی بہو تھی۔ اصل ماشٹر، جس نے باڑی تعمیر کرائی تھی، نیلما کا دادا سسر تھا۔ ماشٹر کا ایک ہی بیٹا تھا جو اب بہت بوڑھا ہو چکا تھا مگر ریڈی میڈ کا کارخانہ ابھی تک وہی سنبھالے ہوے تھا۔ اس کے تین بیٹے تھے۔ تینوں کو اس نے خاندانی کاروبار میں لگا دیا تھا۔ یہ خاندانی کاروبار اس کے جادوگر ہاتھوں میں پھل پھول رہا تھا۔ کارخانے کا تیار کیا مال اندرون اور بیرون ملک بھیجا جاتا تھا۔ ویسے تو بڑے میاں کی مدد اس کا بڑا بیٹا، یعنی نیلما کا آدمی، اور سب سے چھوٹا بیٹا کرتا تھا مگر حقیقت میں لڑکوں کی کوئی حیثیت نہیں تھی۔ سال میں گیارہ مہینے وہ گِدھ باپ کی عقابی نظروں تلے رہتے تھے اور جیسا جیسا وہ کہتا جاتا تھا کرتے جاتے تھے۔ بڑے والے کو سڑی گرمیوں میں اور چھوٹے بیٹے کو کڑکڑاتے جاڑوں میں بڑے میاں ایک ایک مہینے کے لیے سلایہ گاؤں بھیجتے تھے۔ اس کے سوا دونوں ہل نہیں سکتے تھے۔ یا پھر موت میّت میں گھر آنے کو ملتا تھا۔ ویسے موت میّت کی اس خاندان میں کوئی زیادہ چرچا نہیں تھی۔ خود بڑے میاں آٹھ برس پہلے پندرہ روز کے لیے گاؤں آئے تھے جب ان کی گھر والی فوت ہوئی تھی۔ سب کو پتا تھا کہ گھر والی ایک ہی تھی، وہ اب نہیں آئیں گے۔ بڈھے ماشٹر کا تیسرا بیٹا نائروبی، ایفریکا، میں خاندانی ایکسپورٹ امپورٹ کا کام دیکھتا تھا اس نے وہاں ایک رنگی ہوئی عورت گھر ڈال لی تھی۔ چھوٹی بڑی دونوں بہوئیں اور بڈھے کی ایک بیوہ بہن، اس کے بچّے بچونگڑے اور نوکر، خانہ زاد __ باڑی کی کل آبادی یہ تھی۔ نیلما کے کوئی اولاد نہیں تھی۔ چھوٹی بہو کے دو بچّے تھے۔ بڑا لڑکا تھا اور چھوٹی لڑکی۔ یہ چھوٹی بہو بالکل چپ رہنے، یا بہت کم بولنے والی دبّو، جل ککڑی قسم کی عورت تھی۔ موسی تک سے خار کھاتی تھی، پر کہتی کچھ نہیں تھی۔ اس بیوہ موسی کو بڑے میاں نے یہاں سب کی نگرانی دیکھ ریکھ کے لیے ذمےدار بزرگ بنا کے چھوڑا تھا، مگر نیلما بڑی بہو نے پہلے چند مہینوں میں بڑھیا کو قابو کر کے بھیگی بلّی بنا دیا تھا اور جبھی سے پندرہ اٹھارہ انسانوں کے اس آسودہ حال گھر پر اس کا بلا شراکت راج چل رہا تھا۔ وہ نوجوان جو خود کو ماشٹر کا پوتا کہہ کے متعارف کراتا تھا، فی الاصل موسی کا بیٹا، یعنی نواسہ تھا۔ اسے نشے کی لت تھی اور کہا جاتا تھا کہ نشے کی یہ لت اسے رخسار کے تِل والی نیلما کماری نے لگائی تھی۔ لڑکی آلی کو یہ نہ معلوم ہو سکا کہ کن حالات میں یہ لت موسی کے اس موتبر بیٹے کو لگی یا لگائی گئی۔ باڑی میں گزارنے کے لیے چند گھنٹوں میں لڑکی آلی نے یہ ضرور دیکھ لیا تھا کہ نیلما اگر کسی سے مکمل حقارت کا برتاؤ کرتی ہے تو اسی موتبر سے۔ نیلما کی آواز سن کے وہ بھی بات کرنا روک دیتا اور اوٹ میں ہو جاتا تھا۔ باڑی کے اندر صرف نیلما بڑی بہو کا حکم چلتا تھا اور اگرچہ کہا جاتا ہے کہ وہ زیادہ کچھ چڑچڑاتی غصہ نہیں کرتی، لیکن مشہور تھا کہ جب بڑی بہو غصّے میں ہو تو باڑی والوں کے لیے سامنے سے ہٹ جانا ہی اچھا ہوتا ہے۔ اُس وقت نیلما کا سامنا کرنے سے تو بہتر ہے کہ آدمی زخمی شیرنی کے آگے جا کھڑا ہو __ وہاں پھر عافیت ہوتی ہو گی۔
آلی کی فراہم کردہ معلومات کے بل پر پورے یقین سے یہ کہا جا سکتا تھا کہ جعلی ٹھاکر ساون سنگھ راٹھوڑ وکیل (وغیرہ) نے بالکل ٹھیک کمپا مارا ہے۔ پھر بھی اندر جال میں کون ہے اور جال سے باہر کون، یہ ابھی دیکھنا باقی تھا۔
لڑکے نے لڑکی کو بتا دیا کہ نیلما کماری سہ پہر میں کسی وقت اس سے ملنے آئے گی، کیوں کہ پولیس والا سپھری صاب اور اس کی نفری شام تک سلایہ پہنچ رہی ہے۔ اور یہ کہ جب نیلما آئے تو آلی ٹھکرائن کو بے خبر سوتا بن جانا چاہیے، اس لیے کہ لڑکے اور بڑی بہو کی اس ڈھلتی دوپہری کی ملاقات پر بہت سی چیزوں کا دارومدار ہے۔ وہ پوچھنے لگی، کیسی چیزیں؟ تو لڑکے نے کہا، ابھی کیا پتا! لڑکی کہنے لگی، ٹھیک ہے۔ پھر مسکرا کے بولی کہ جو بھی کرے ٹھیک سے کرنا۔ ٹھاکر ٹھکرائن کی جان اسی میں ہے۔ لڑکا بولا کہ چنتا مت کر، تو نے دیکھا ہی کیا ہے۔ ہم شیرنی عورتوں کو کیسے قابو کرتے ہیں تجھے کچھ پتا ہی نہیں ہے۔
تو لڑکا لڑکی دونوں سو گئے۔ نہ معلوم کس طرح، کس وقت، آلکس بھری سہ پہر میں جب عادتاً خوب پیٹ بھر کے لوگ سو جاتے ہیں اور جانور تک کاہلی، بےکاری میں پڑے رہتے ہیں، لڑکے کی گردن پر رینگتا ہوا کوئی کیڑا کان میں داخل ہونے لگا تو وہ ہڑبڑا کے اٹھ گیا۔ دن کے مصروف گھنٹوں میں پہنے گئے کپڑوں کے باسی عطر اور پسینا مِلی خوشبو کے ساتھ اور مُلیٹھی کے میٹھے تَرل جھونکے کے ساتھ اُس پر جھکے ہوے سائے نے بالکل کان سے منھ بھِڑا کے کہا، "ہم ہیں رے۔ ۔ نیلما۔" وہ تنکا اس کے موتی دانتوں میں دبا تھا جسے گردن اور کان پہ پھِرا کے اُس نے لڑکے کو اٹھا دیا تھا۔
وعدے کے مطابق وہ آ گئی تھی اور آتے ہوے رس بھری کے پکے پھل اٹھا لائی تھی تاکہ آنے کا جواز بن جائے۔ اس نے چالاکی سے چمکتی اپنی آنکھوں کو آلی کے رخ گھمایا جو لڑکے کی طرف پشت کیے بہ ظاہر سو رہی تھی، اور سر سے اشارہ کیا کہ سب ٹھیک ہے۔ پھر وہ لڑکے کے تکیے سے ٹیک لگا کے نیم دراز ہو گئی اور اس کے کان کے پاس منھ لے جا کر بولی، "ہاں جی ٹھاکر! ابی ہمار سے بولو کا بولنے کو ہے۔"
گندھی کے بیٹے نے ڈرے ہوے شوہر کی کامیاب اداکاری کی۔ اشاروں اشاروں میں اسے سمجھایا کہ یہاں آلی کے اتنے پاس بیٹھ کے کیسے کچھ کہا سنا جا سکتا ہے، چل باہر چل۔۔ کسی اور جگہ۔ اس نے انگوٹھا دکھایا اور سرگوشی کی، "اَور جگے کوئی نئیں رے ٹھاکر! لے دے کے اے ہی تیرا، تیری عورت کا بچھونا ہے۔ اِدھری بات کر لے، جیسی جو کرنی ہو۔" اور وہ ہونٹوں کو دانتوں سے دبا کر اپنی ہنسی روکتی تھی اور اُس وقت لڑکے کا خیال تھا کہ اس کے کنے سے مست مادہ کی خوشبو اٹھتی ہے۔
لرزتے ہوے اس نے کان کے پاس منھ لے جا کے کہا، "ناں باؤلی! اِدھر نئیں۔ آلی اٹھ بیٹھی تو سبرائی کچھ گڑبڑی ہو جائے گا۔"
اسے پریشان دیکھ کر وہ منھ پر ہاتھ رکھ کے خوب ہنسی۔ پھر بڑھ کے اپنا پنجہ اس کے پنجے میں پھنسا لیا جیسے جتا رہی ہو کہ تو اب میرے قابو میں ہے۔ پھر اسے لے کے وہ بستر سے اٹھی اور بے آواز دروازہ کھولتی دالان کی روشنی میں آ گئی۔
ہیڈ کانسٹبل گود میں شاٹ گن رکھے، ٹانگیں پھیلائے، منھ کھولے بیٹھا ہی بیٹھا سو رہا تھا جیسے کئی راتوں کا جاگا ہوا ہو۔
وہ لڑکے کو باڑی میں لیے جا رہی تھی __ پہلے سے اس نے کوئی جگہ سوچ رکھی ہو گی۔ حیرت اور خوف کی جو اداکاری لڑکے کو کرنی تھی وہ کرتا رہا۔ ڈیوڑھی سے گزر کے دونوں ایک بڑے کمرے کے سامنے رکے جس کے رنگین شیشوں والے دریچوں کو دیکھ کے لڑکا سمجھ گیا کہ یہ باڑی کی بیٹھک یا دیوان خانہ ہے۔ بیٹھک میں سستے __ عالمی جنگ کے زمانے میں سستے __ فانوس، اور شیشے کی دیوار گیر پر ہانڈیاں لگی تھیں۔ اس نے سوچا کہ کبھی اچھے دنوں میں وہ یہاں آیا ہوتا تو اس بیٹھک میں گدّوں پر، گاؤت کیوں سے ٹیک لگا کے آلی ٹھکرائن سے دھیمے دھیمے باتیں کرتے اور چہُلیں کرتے پوری پوری دوپہریں کاٹ دیتا، پچاس ساٹھ ستّر برس پیچھے کی سُگندھ لیے یہ ڈھنڈار دیوان خانہ اسے اتنا اچھا لگا تھا۔
بیٹھک سے ملا ہوا گنجینہ یا گنجی خانہ تھا جسے وہ کنجی کھانہ کہہ رہی تھی۔ لڑکا سمجھ گیا یہ باڑی کا بھنڈار یا اسٹور ہو گا۔
گندھی کے لڑکے کے پنجے میں پنجہ پھنسائے وہ جھپاک سے کنجی خانے میں تَیر گئی۔ کنجی خانہ ان کے قید خانے سے بھی زیادہ تاریک تھا۔ تِل والی تو خیر اس کا چپّہ چپّہ جانتی ہو گی، لڑکا چیزوں سے اور اس رازدارانہ کھلکھلاتی عورت سے ہر قدم پر باربار ٹکرا رہا تھا۔ بہت کھٹرپٹر ہو رہی تھی۔ اس نے سرگوشی کی، "سور نئیں کرو ٹھاکر! بروبر میں موسی کی کوٹھریا ہے۔ وہ نئیں سوتی دن ماں۔ لے میرے سنگ سنگ لگا لگا چلا آ، تجھے دیوان سنگھاسن تک پہونچائے دوں گی۔" پھر اس نے جیسے شانے سے جھولتے ہوے اس کی رہ نمائی شروع کر دی۔ اُس کے بکھرے بال، جو اس نے لڑکے کے جیب و گریباں پر ڈھیر کر دیے تھے، جیسے پختہ آملے سے لَدے ہوے کنج تھے، ہزار برس پرانے سنگھار لگن کی مست کن خوشبو سے بوجھل۔ لڑکے نے دل میں کہا، "یہ سب ترکیبیں تجھے تیری محرومی نے سکھا دی ہیں بی بی!"
اسی طرح جھولتی لڑکھڑاتی، اس کے ہاتھ اور بازو اور شانے اپنی گرفت میں لیے، آخر وہ اس فرنیچر پیس تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی جسے اس نے دیوان سنگھاسن کہا تھا۔ یہ دوسری عالمی جنگ سے کبھی پہلے دیسی راجوں نوابوں کے محل دو محلوں میں شوق سے رکھی جاتی لَو سیٹ یا دو کو بٹھانے لائق چھوٹا سوفا تھا۔ لڑکے نے سو برس پرانے مخمل کی مہک کا احساس کیا، اس پر ہاتھ پھیر کے دیکھا۔ اس نے پھر سوچا کہ کبھی اچھے دنوں میں اس کی ٹھکرائن اور وہ۔۔
نیلما اسے لے کر لو سیٹ پر بیٹھ گئی۔ "ہاں رے ٹھاکر جی! ابھی بولو کا بولنے کو ہے؟" اس نے گمبھیرتا سے بات کہی تھی۔ لڑکا جان گیا کہ ابھی اس نے کھیل تماشا روک دیا ہے۔ کام کی بات ہونی چاہیے۔ سو کنجی خانے کے اندھیرے میں لڑکے نے بتایا کہ وہ دونوں کون ہیں، کہاں سے آئے ہیں، کہاں جاتے تھے۔ پہلے تو وہ سنتی رہی، پھر اس نے لڑکے کے گال پہ چٹکی بھری۔ "سبئی مالُم ہے میرے کو۔۔ آگے بول۔" آگے اس نے کہنا شروع کیا کہ بے قصور ہیں ہم۔۔ دور ادھر نگر میں گھر بسانے نکلے تھے۔ ادھر کا موتبر خبر نہیں کیوں دشمنی پر تلا ہوا ہے۔۔ ہم نے کسی کا کیا بگاڑا ہے۔۔ کہ بڑی بہو نے اپنی کہنی سے اس کی پسلیوں میں کچوکا دیا۔ "یہ سب کاہے بولتا ہے۔ ٹھکرائن کی تیری جگے ہم ہوتے تو موتبر مونڈی کاٹے ڈاڑی جار کے ڈنڈا پیرا دیتے، حرامی کے۔" پھر اس نے اس منصوبے کی تفصیل بتانی شروع کی کہ وہ کہاں، کس طرح اور کب ڈنڈا پیراتی تو لڑکے نے اس کے منھ پر ہاتھ رکھ دیا۔
نیلما ہنسنے لگی۔ پھر سنجیدہ ہو گئی اور بولی، "تجھے، ٹھاکر، ٹھکرائن سے گھنا پیار، آشکی ہے نا؟ ہاں؟ بتا رے سَکھا! ہَے نئیں؟" لڑکے نے کہا کہ ہُوں، ہے۔ تو بولی، "ایسےئی ہونا چیّے عورت مرَد کے بیچ۔"
یہ بات اس نے بڑے یقین سے اور بہت اداسی میں کہی تھی۔
پھر اس نے اسے تسلّی دی۔ کہنے لگی، "توں چھوٹ جائیں گا، تیری آلی چھوٹ جائیں گی۔ پھکر نئیں کر۔"
لڑکے نے فریاد کی، "سن تو، اے نیلما! کوئی بھی چیج کا ٹھیک نئیں۔ ہم کو ابئی نکال دے چار چھ گھنٹا میں۔۔ جندگی بھر تیرا آدر کریں گے۔۔ گلام بن جائیں گے۔"
وہ ہنسی، "پر میرے کو گلام نئیں چیّے۔"
"پھر؟"
اسی سرگوشی میں بولی، "دوس چیّے، دوس۔۔ سکھا۔ توں دوس بنے گا ٹھاکر؟ جندگی بھر کا سَکھا، دوس، آشِک؟"
لڑکے نے سوچا مناسب بکواس کرنے کا صحیح وقت یہی ہے۔ مستی کی اداکاری میں بولا، "آشک تو آج بھی ہیں ہم تیرے۔ جندگی داؤں پہ لگائی دیں گے۔۔ اور بول؟"
بےچاری عورت! لڑکے کے شانے پر سر رکھ کے اس نے سسکیاں لیں اور بے اختیاری میں ہنسی بھی۔ لڑکا ڈرا کہ یہ اونچی آوازیں کوئی سن نہ لے۔ اس نے عورت کے منھ پر ہاتھ رکھ دیا، سرگوشی کی، "اری چپ! موسی سنتی ہو گی۔" تس پہ ہنستے ہوے اُس نے گندھی کے لڑکے کی ہتھیلی چوم لی اور موسی کے لیے وہ کچھ کہا جسے بھلے لوگوں کے آگے دُہرایا نہیں جا سکتا۔ لڑکا اُس کے ساتھ ساتھ ہنسنے لگا۔
وہ دونوں تھوڑی دیر اَور رُکے کنجی خانے میں۔ پھر کیوں کہ باہر سے ہیڈ کانسٹبل کے خوخیانے کی آوازیں آنی شروع ہو گئی تھیں، کوئی گڑبڑ تھی، تو لڑکے نے پریشانی ظاہر کی۔ وہ بولی کہ اسے، ڈاڑی جار کو، بکنے دو۔ سُپھری اس کا باپ آنے والا ہو گا تو اسے یہ ہڑبڑی ہے۔ سپھری کا سن کے لڑکے نے ڈر جانے کی اداکاری کی۔ بڑی بہو نے تسلّی دی اور نکل جانے کی جن مختلف ترکیبوں پر بات کر رہی تھی ان کے علاوہ کہنے لگی کہ ایک یہ سپھری بھی اُس کی "جان پچان" کا ہے جو تم لوگ کے کام آ سکتا ہے۔
اس "جان پچان" کا مطلب لڑکے کی سمجھ میں آتا جا رہا تھا۔ اس نے چھیڑنے کو کہہ دیا کہ کیا وہ بھی "دوس" ہے تیرا؟ تو بپھر گئی۔ پولیس والے کو گالی دے کے سخت غصے میں بولی، "وہ سؤر سری سا کون کسی کا دوس ہوئیں گا رے! بس ایک ہی دھیان ماں رہتا ہے کوکری کا پِلّا۔"
پھر اس کا غصہ دھیما ہوا تو کہنے لگی کہ سپھری صاب سے اس نے کوئی چھوٹے موٹے کام تو کرائے ہیں۔ پیسا لے کے اور جان پہچان میں ضرور وہ کچھ کر دے گا نہیں تو نیلما تیری تو ہے ہی سہی۔ بولی، "ٹھاکر! تو چِنتا نئیں کر جرا بھی۔۔ ہم جِندہ ہیں نا ابھی۔" اور وہ کنجی خانے سے اُسے نکال خود باڑی میں تحلیل ہو گئی۔
لڑکا، یہ ظاہر کرتے ہوے کہ جیسے غسل خانے کی طرف اپنی ضرورت سے گیا تھا، واپس کمرے میں آ گیا۔
لڑکی آلی جاگ رہی تھی۔ اُسے اس نے بتایا کہ نیلما سے امیدیں باندھی جا سکتی ہیں۔ آلی کو سپھری صاب کا زیادہ کچھ پتا نہیں تھا۔ جب اسے معلوم ہوا کہ یہ پولیس افسر کس ڈھب کا ہے اور نیلما اس سے ان کا کام کرا لے گی تو کہنے لگی، "چل رے تیری اِجّت کھراب نئیں ہوئے گی، صئی کی صئی رہ جائے گی۔ بڑی بہو نے جو بھی اپنا شونق پورا کرنا ہے اُس کا جے اُس کا پولیس والا سُپھری آجوباجو بیٹھا ہے۔" لڑکی کو پریشانی میں بھی فقرے بازی سوجھی تھی۔ یہ اچھی بات تھی۔ لڑکا کیوں پیچھے رہتا، بولا، "اری پولیس والا ناں بھی ہوتا تو ہم پریمی ہیں تیرے۔ تیری کھاتر نیلما بڑی بہو سے ناں نئیں کریں گے۔ اِجّت، جان سبئی کھراب کرا لیں گے۔ دیکھنا، لٹائی دیں گے سب۔" لڑکی دیر تک "بڑا ہشیار ہے توں! بڑا ہشیار ہے!" کہتی رہی اور ہنستی رہی۔
دونوں کو اطمینان ہو گیا تھا کہ ان کی رہائی میں اب کوئی اڑچن نہیں۔ اسی لیے خوش تھے۔ گھنٹے ڈیڑھ گھنٹے میں سپھری صاب ایک جیپ، ایک ٹرک، ایک اردلی اور چھ کانسٹبلوں کے ساتھ شور شرابا کرتا آن وارد ہوا۔ اسے دیکھ کے کسی پرانے دھاکڑ زمین دار، شکاری مجرے باز کا خیال آتا تھا۔
جیپ سے اترتے ہی اس نے باڑی کے موتبر، اُس پھوپھی زاد کو آواز دی۔ "اماں کہاں ہو بھئی ماسٹر؟"
ہیڈکانسٹبل اور اس کے ماتحتوں نے مستعدی سے گارڈ سلامی دی تو سپھری صاب نے "ہیلو ہائی!" کے انداز میں ہاتھ لہراتے ہوے ہنس کے ہیڈ سے کہا، "کیوں بیٹے ڈھیں ڈَس! تو نے سالے، پھر سی گلز پکڑ لیں؟۔۔ ہہہ ہا۔ ۔ بڑا شوق ہے بے شکار کا؟ ہُوں؟" ہیڈ صاحب نے ہاتھ باندھ کے کھیسیں نکال دیں۔ باس کا انداز ایسا تھا جیسے کوئی برابر کا حوالدار ساتھیوں پہ فقرے مارتا گزر رہا ہو۔
سپھری صاب کچھ نہیں تو پچاس باون برس کا ہو گا۔ منھ میں اُس کے نقلی دانتوں کی قیمتی پلیٹیں لگی تھیں اور بال اچھے خضاب سے رنگے ہوے تھے۔ آنکھوں کے نیچے پرانے شرابیوں والی گلابی تھیلیاں بن گئی تھیں۔ لگتا تھا اس کا بدن بےدردی سے استعمال کیے جانے پر اب گھلنے سا لگا ہے۔ ویسے وہ ہر طرح خوش مزاج دکھائی پڑتا تھا۔ خیال ہوتا تھا کہ دم درُود ہو نہ ہو، اپنی چٹک مٹک سے سپھری صاب ساری کمیاں پوری کر لیتا ہو گا۔
جتنی دیر میں موتبر بھاگا بھاگا آتا اور ہاتھ پاؤں جوڑ کے سلامی گزارتا اور اردلی اپنے صاحب کا سامان باڑی میں کہیں منتقل کرتا، سپھری صاحب اپنی وردی کی پتلون پر چاندی کی مُوٹھ والا بید مارتا "ملزم معائنے" کو ٹہلتا ہوا قیدیوں والے کمرے کی طرف چلا گیا اور "اچھا اچھا" کہتا، ان کا سلام لیتا، نظروں ہی نظروں میں ملزمہ کو پڑتالنے لگا۔ لڑکی آلی نے لمبا سا گھونگھٹ کھینچ لیا تھا، اس لیے سپھری کو پڑتالنے میں کوئی زیادہ کامیابی نہیں ہوئی تو وہ لڑکے کی طرف متوجہ ہوا، "ہاں بھئی، تمھارا بیان ہے کہ تم اس کے شوہر ہو؟ ہاں؟ ٹھاکر ساون صاحب وکیل!"
لڑکے نے کہا، "ہاں سر! آپ کا داس۔ ساون سنگھ راٹھوڑ، وکیل۔"
"اُوں؟ گویا مسئلہ ہی کوئی نہیں؟ اَیں؟ وکیل ہو؟ تو بیٹے وکیل! دیوانی کیس لیتے ہو یا فوجداری؟"
لڑکا ہنسا، "سر! آدمی چھوٹا ہوں پر گوتر جنگی ہے۔ راٹھوڑوں کا تو کھیل ہی فوجداری کا ہے۔ آپ جانو، دیوانی کِصّوں میں ٹائم کھراب ہوتا ہے۔ ہم راٹھوڑ بے صبرے، بےچین لوگ ہیں۔ کھان صاحبوں کی طرح۔ دیوانی کیسوں میں مجا نہیں آتا۔"
سپھری صاب جماہی لیتے ہوے بولا، "سچ کہتے ہو وکیل!۔ ۔ اچھا۔ ۔ بات ہو گی۔ ویسے۔۔ اِدھر کوئی تکلیف تو نہیں ہے؟"
لڑکے نے ہنستے ہوے ہاتھ جوڑ دیے۔ "فائیو اشٹار ہوٹل کے مجے آ رہے ہیں سر!"
سپھری صاب بھی ہنسا، "یار تو آدمی بال برابر ہے مگر لگتا ہے پھکیت! ہاہاہا۔" اور اپنی پتلون کو بید سے مارتا ہوا وہ اندر چلا گیا۔
رات کا کھانا وقت سے پہلے مل گیا۔ کھانا دینے نیلما نہیں آئی۔ لڑکی آلی کو ایک بار باڑی میں جانا ملا۔ واپس آ کے اس نے لڑکے کو بتایا کہ نیلما کے سوا سب نظر آ رہے ہیں۔ وہ باڑی میں اندر باہر کہیں مصروف ہو گی۔ چھوٹی بہو سے پوچھا تھا تو اس نے جھُلسن میں بس اتنا کہا کہ "سپھری صاب سے پوچھو کہاں ہے نیلما۔۔ ہم سے کا پوچھتی ہو؟"
لڑکا آلی سے بولا کہ ہاں وہ مصروف ہو گی، سپھری سے ہمارے لیے بات کرتی ہو گی۔ سنّاٹے میں بیٹھی سوچتی ہوئی لڑکی آلی کے چہرے پر ایک لہر سی آ گئی۔ لڑکے سے مسکرا کے بولی، "ہاں رے، صئی ہے نا۔ ۔ اچھی طرح بات کر لے سُپھری سے، کوئی کسر بٹّہ نئیں چھوڑے۔ نئیں تو ہم دوئی نے رُل جانا ہے۔"
دونوں پھر امید کی خوش مزاجی میں ہنسنے لگے۔
رات میں اکیلے لڑکے کی طلبی ہوئی۔ باڑی کی ڈھنڈار بیٹھک میں چنی ہوئی آستینوں والے ململ کے کرتے اور چوڑی دار پے جامے پر مخمل کی مَسٹرڈ کلر نیم آستین پہنے سپھری صاب بوتل شیشوں سے کھیل رہا تھا۔ اس نے سیدھے ہاتھ کی کلائی سے مولسری کے پھولوں کا دوہرا کنٹھا لپیٹ رکھا تھا جسے وہ کبھی کبھی بےخیالی میں پھرانے لگتا۔
گندھی کے لڑکے نے پہنچتے ہی بندگی گزاری۔ "آداب عرض ہے سر، سُپھری صاحب!"
سپھری نے کنٹھے والا ہاتھ ہوا میں لہرایا، "اَمے ٹھاکر! یہ کیا طوُطیوں کی طرح سُپھری صاحب سُپھری صاحب بکے جا رہے ہو؟ میاں نام ہمارا نعمت الله خاں شُکری ہے۔ عوام الناس سالے شُکری کو سُپھری کہتے ہیں۔ آپ تو مت کہو بیٹے! پڑھے لکھے آدمی ہو۔۔ پیگ بناؤں تمھارے لیے؟"
لڑکے نے کہا، "سر کسم کھائی ہے، جب تک اہلیہ کی، میری گلو کھلاصی نہیں ہو گی، شراب نہیں چکّھوں گا۔"
وہ سرسری سا ہاتھ لہرا کے بولا، "ہو جائے گی، ہو جائے گی گلو خلاصی۔ ایسی کیا قباحت ہے۔"
اس کے بعد ایک ڈیڑھ منٹ میں وہ سیدھی سادی کاروباری گفتگو پر آ گیا۔
نعمت الله خاں شکری اپنے ہیڈ کانسٹبل کی ابتدائی رپورٹ پر کام کر کے چلا تھا۔ چھوٹتے ہی بولا کہ دوارکا کے تیرتھ کو جیپ نمبری اتنے اتنے میں آپ اپنی اہلیہ کے ساتھ جا رہے تھے کہ گاڑی خراب ہو گئی۔ آپ پیدل سلایہ کی طرف چل پڑے۔ لڑکے نے "ہاں" میں سر ہلایا۔ پوچھنے لگا، "جیپ ابھی تک وہیں کھڑی ہو گی؟ ہاں وکیل؟"
لڑکے نے کہا کہ ہاں جی، تو بولا، "رکیے رکیے۔۔ پہلے سن تو لیجیے۔ جو جگہ آپ نے جیپ خراب ہونے کی بیان کی ہے بھیّا! وہاں کچھ نہیں ہے۔ ۔ ٹائروں کے نشانات تک نہیں ہیں۔ میں خود ہو کر کے آیا ہوں۔ ۔ سمجھے بیٹے؟"
لڑکے نے ہنس کے آزمائشی بے خوفی سے کہا، "سر! آپ لوگ صئی جگہ نہیں جا پائے ہوں گے۔ میرے ساتھ چلو۔"
وہ بھی ہنسا۔ "چلیں گے پیارے! ضرور چلیں گے۔ پہلے ایک اَور بات صاف ہو جائے۔"
"کیا؟"
"گڑھ کلاں میں اپنا ایک شاگرد ہے، سب انسپکٹر ہاڑا۔۔ جُگل سنگھ سمیردیو ہاڑا۔۔ بڑا ہونہار بچہ ہے۔ اس نے کل سارا دن وہ جگہ راٹھوڑ کوٹ، گڑھ کلاں میں تلاش کی ہو گی۔ ٹیلی فون پر تو راٹھوڑ کوٹ کا نام سن کے ہنس رہا تھا۔ کہتا تھا شکری سر! یہاں ڈھائی تین مہینے میں کوٹ نہیں کھڑے ہو جاتے۔۔ سائنس کا زمانہ ہے۔ ویسے اگر کوئی ارب پتی سوچ لے تو گڑھی کوٹ بنوا بھی سکتا ہے۔۔ مگر پھر بھی کوٹ کا حصار، گڑھی، نِواس بنتے بنتے تین چار برس تو لگتے ہی ہوں گے۔ سمجھے بھیّا؟ اپنا یہ ایس آئی ڈھائی تین مہینے کے لیے باہر ٹریننگ کو گیا تھا۔ اب آیا ہے تو کہتا ہے، سر! یہ نیا کوٹ تلاش کروں گا۔ اگر اس نام کا کوئی قلعہ، گڑھی، حصار، گھر، محلّہ کچھ بھی بن گیا ہو گا تو ضرور عرض کروں گا۔ میرا خیال ہے بیٹے! دو تین روز میں وہ یہاں بھیجے گا کسی کو یا ہاڑا خود ہی آ جائے گا۔۔ تو یہ ہے۔"
لڑکا اپنے پیسے اور تِل والی کی دی ہوئی تسلّی میں تھوڑا دلیر ہو رہا تھا۔ بولا، "آپ کو سر! میرے بیان پر شک ہے؟"
شکری ہنسا۔ "لاحول ولا قوة! ارے بیٹے! شک کس گنہگار کو ہو گا۔ میں تو ٹھاکر، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ آپ نے ہمارے ہیڈ صاحب کو اور معتبر کو بیان نہیں لکھوایا، جھک ماری ہے، اور جناب بکواس کی ہے اعلیٰ درجے کی! ہہہ ہاہاہا۔۔ تو یہ ہے۔"
لڑکا اس کی ہنسی میں شامل ہو گیا۔ یہ بات شکری کو پسند آئی۔ ہاتھ پر ہاتھ مار کے بولا، "بناؤں ایک چھوٹا پیگ؟ ارے کون دیکھتا ہے یار! تیری ٹھکرائن تو اب تک سو بھی گئی ہو گی؟ ہاں؟" مگر اس کی آنکھوں میں کِینے کی چمک تھی۔
تو اب ایک خوف نے لڑکے دل میں جگہ بنانی شروع کر دی تھی۔ اس نے مسکراتے ہوے شراب سے انکار کر دیا۔
شکری نے تلے ہوے باداموں سے مُونہامنھ بھری بلّور کی طشتری اس کی طرف سرکائی۔ "لو، بادام کھاؤ، ساون سنگھ ٹھاکر! بادام دماغ کے لیے بہت مفید ہوتے ہیں۔" پھر اس نے بادام کا ایک اَور فائدہ بتایا، مگر وہ محض بدمعاشی کی ذیل میں آتا تھا اور لچر پن سے بتایا گیا تھا۔
لڑکے نے تھوک نگل کے خود کو ذرا سنبھلا ہوا، قابو پایا ہوا ظاہر کیا، پھر چمکتے لہجے میں کہا، "سر! یہ جو دو چھوٹے پوائنٹ آپ نے نکالے ہیں، اصل میں اپنے کو جیادہ کوئی امپارٹینٹ نہیں لگ رہے۔ ہم دونوں ہی سر، دنیا دار پُرش ہیں۔ میرا اپنا چھوٹا سا پھیلاوا ہے جسے سنبھالتا سنبھالتا اِدھر تک لے آیا ہوں۔ بڑے لوگ ہو، آپ کا اپنا سٹ اپ ہے۔ تو اب سمجھ میں یہ آرا ہے سر! کی ایسا کچھ آگے بھی چلے کی ہم بھی کھش کھش ادھر سے چل پڑیں، آپ بھی پرسنّ ہو کے اس چھوٹے آدمی کی دوستی، جان نثاری کو دو اچھے شبد بولتے نکل لو ادھر سے۔۔ تو یہ ہے سر!"
شکری ہنس پڑا۔ "بیٹے، رشوت کی آفر کر رہے ہو؟"
لڑکا اس کی صورت تکنے لگا۔
شکری بولا، "ٹھاکر! بھئی یار مسئلہ ہی کوئی نہیں۔ نعمت الله خاں صاحب شکری کے لیے الله تبارک تعالیٰ نے بڑی نعمتیں اُتاری ہیں۔ آہا ہاہا! ہم تو ٹھاکر بیٹے، شکری ہیں ہی اس لیے کہ نعمتوں کا شکر کرتے ہیں۔" اسے ہچکی آئی تو لمحے بھر کو رکا، پھر کہنے لگا، "بات اپنی کہہ دینے میں کوئی باک نہیں ہونا چاہیے۔۔ ویسے یہ باک کیا ہوتا ہے؟۔۔ یاک تو ایک چوپایہ ہے اپنے برفانی علاقوں کا، جس کے سارے بدن پر موئے زیر شکم جیسے یہ بڑے بڑے بال ہوتے ہیں۔۔ تو خیر۔۔ مختصر یہ کہ رشوت وغیرہ میاں وکیل، ہم نہیں لیتے۔ ایسے گدھے پن کی آفر وکیل، تم پھر کبھی مت کرنا، ورنہ ہم ٹنڈی کسوا دیں گے قسم ایمان کی!۔ ۔ آپ نے دیکھا ہو گا، وہ جو ہمارا ڈَھیں ڈَس حوالدار ہے وہ سالا ٹنڈی کسنے میں ماہر ہے۔ ایک دم حرام الدہر ایکسپرٹ ہے۔ اب آپ جاؤ، پچ! شاباش، ٹھکرائن کے پاس جاؤ، لیٹو، بیٹھو، ہم بستری کرو، گپ مارو۔۔ چڑھ جاؤ سالو سُولی پر، رام بھلی کرے گا۔"
یہ سب کہہ کے شکری نے آہستگی سے گلاس میز پر رکھا اور کشن کھینچ کر سوفے پر دراز ہو گیا۔ لگتا تھا گرتے ہی سو گیا ہے۔
آگے اُس سے بات نہیں کی جا سکتی تھی۔ لڑکا خوف زدہ، دھیرے سے اُٹھا اور کمرے کی طرف چل پڑا۔ جو کہتے ہیں نا کہ ایک ایک پاؤں من من بھر کا ہو رہا تھا تو وہ کیفیت تھی۔ اس لوفر پولیس افسر کی الٹاپلٹیوں نے اسے نڈھال کر دیا تھا۔ سوچ رہا تھا کہ ایک امید اس بدنصیب شُکری سُپھری کے رشوت خور ہونے سے پیدا ہوئی تھی تو وہ اس ملاقات کے ساتھ ختم ہو گئی۔ خدا معلوم یہ سالا اب کس چکّر میں ہے؟ کیا چاہتا ہے؟
بہت مایوسی میں اور پراگندہ ذہن کے ساتھ گندھی کا لڑکا اندھیرے کے مختصر ٹکڑے سے روشنی اور پولیس گارڈ کے سامنے آنے والا تھا کہ جہازی گملے کی اوٹ سے ایک سایہ جھپٹ کے نکلا اور کمر میں ہاتھ ڈال کے اس نے لڑکے کو دوبارہ اندھیرے میں کھینچ لیا۔ اس کے چہرے سے اپنا مُشکی تِل والا رخسار بھڑا دیا۔ "اُدھر کو نہیں، اِدھر آ ٹھاکر! جاتا کدھر ہے دوس؟" اس کی سانس میں تیز ملیٹھی کی مہک تھی۔ لڑکے نے جھنجھلا کے دھیرے سے پوچھا، "تو بھی کچھ پی پا کے تو نہیں آئی؟"
بولی، "ہاں رے! تیرے پریم کا پیالہ پیا ہے۔۔ اس کر کے دان دَکشنا دینے آئی ہوں۔ اپنے سر کی دَکشنا۔۔ وہ بولتے ہیں نا۔۔ پریم پیالہ جو پیے سِیس دَکشنا دے۔"
لڑکے نے کہا، "شعر کوِتا چھوڑ، میرے سے سیدھی بات کر۔ وہ تیرے سپھری صاب نے کھوپڑی پھرا دی ہے میری۔۔ ٹیڑھی ٹیڑھی باتیں کر رہا تھا سَوری کا۔"
"سن رئی تھی رے۔ تو پروا نئیں کر۔ لمبی رکم کھیچنے کو یا ہی سب ناٹک کرتا ہے بانَر کی اولاد۔ چنتا نئیں کر۔ ابھی صبے سے پہلے پہلے۔۔ رات ماں... سبئی ٹھیک کر لوں گی۔ ایک دم پکّا۔ یہ بتا کوئی پئیسے کا سادَھن کر سکتا ہے توں؟۔۔ ایک ئی دو روج ماں؟"
لڑکے نے کہا، "بول کتنا پئیسا؟" وہ پھر پُر امید ہو چلا۔ "بتائی دے۔ کل سانجھ پڑنے سے پہلے سب ہوئی جائے گا۔"
عورت اس سے سٹ کے کھڑی تھی۔ سینے سے سر ٹکا کے لمحے بھر کو ساکت ہوئی، جیسے گہری سوچ میں ہو، پھر دھیرے سے بولی، "بہت میں بہت دوئی لاکھ کر لے۔"
اب کے لڑکے نے سوچ کی حالت بنائی، دھیرے دھیرے کچھ ہُوں ہاں کیا، پھر کہنے لگا، "نگد کا نئیں بول سکتا، پر کوئی دو لاکھ کا آسرا ہوئی جائے گا۔ یہ سمج کی سانجھ پڑنے سے پہلے اِدھر باڑی میں ہی بندوبست کر دے گا کوئی۔"
وہ حیران ہوئی۔ "اِدھر کیسے؟"
لڑکا ہلکی ہنسی کے ساتھ بولا، "بس ہَے کوئی۔"
"پر کیسا؟ کون؟۔ ۔ کوئی تیرا جان پچان کا ہے؟"
"ہاں۔ تُو ہے نا۔"
"مجاک نئیں کر۔۔ صئی بات بول۔"
لڑکے نے سوچا بتا دینا ہی اچھا ہے۔ بولا، "دو لاکھ کا سونا ٹکیا اپنے کنے ہے۔۔ اِتّائی ہے بس۔"
وہ خوش ہو گئی۔ "چل ٹھیک ہے۔۔ پر اُسے سُپھری کو بولنا کچھ نئیں۔" پھر سوچ میں بھی پڑ گئی۔ سر ہلا کے بولی، "بنا لوں گی کچھ۔۔ کر لوں گی کوئی الٹ پھیر۔ رات ماں ہی سؤر کے جنے کو دو لاکھ پر پکّا کروں گی۔" اور اس نے لڑکے کے رخساروں، ہونٹوں، گردن پر انگلیاں دوڑائیں جیسے نابینا لوگ چہرہ پہچاننے کو کرتے ہیں۔ پھر وہ اس سے الگ ہو گئی اور جیسے دھکّا دے کے اسے روشنی کی طرف ہنکا دیا۔ سرگوشی میں کہا، "جا۔ ابھی سو جا۔" اور خود اندھیرے میں گھُل گئی۔
وہ کمرے میں آیا تو لڑکی آلی جاگتی اور انتظار کرتی تھی۔ پوچھنے لگی کیا ہوا؟ لڑکے نے بہت چمک دار لہجے میں بڑی اُمنگ سے خبر دی کہ سب ہو گیا ہے۔ لیکن وہ سمجھ رہی تھی کہ ہمّت دلاتا ہے، ہوا ہوایا کچھ نہیں۔ شاید کوئی اُلجھن پڑ گئی ہے جو لڑکا اسے بتائے گا نہیں۔
یہ رات لڑکی آلی نے تکلیف میں گزاری۔ گندھی کا لڑکا بھی کچھ سو لیا ہو گا۔
اگلی صبح بھی ان کے لیے منھ اندھیرے شروع ہوئی۔
لڑکی آلی اندر سے لوٹی تو اس کے ماتھے پہ بل تھے۔ ناشتہ چائے لانے والی عورتیں چلی گئیں تو کمرے کا دروازہ آدھا بند کر کے لڑکی سرک آئی اور لڑکے سے کہنے لگی، "وہ پولیسیا سُپھری بیٹھک میں سویا پڑا تھا۔ بڑی بہو مجھے دیکھ کے بیٹھک سے نکلی۔ اندر آ گئی، آنگن کی طرف کو چلی، بس منٹ بھر رکی۔ ایک باری مجھ سے بولی، ٹھاکر کو بول دینا اِدھر سلایہ گاؤں کا جو بھی آدمی جو چیج بھی پہنچائے کھاموسی سے لئی لینا، سمبال لینا۔ مَنعے نئیں کرنا۔"
لڑکے کی سمجھ میں کچھ نہ آیا۔ کون آدمی ہے؟ کیا پہنچائے گا؟ مگر اس نے ہاں میں سر ہلا دیا۔ یہ ظاہر کیا جیسے اسے سب معلوم ہے۔
باڑی کے لیے یہ دن دیر سے شروع ہونا تھا، کیوں کہ پولیس والے کو دیر سے اُٹھنا تھا۔
کوئی نو، ساڑھے نو بجے ہیڈ کانسٹبل لڑکے کے پاس مستعدی سے آیا۔ بولا، "ٹھاکر! تمھار ملاکات آئی ہے۔" لڑکے نے سوچا اچھا، وہ آدمی آ گیا۔ ہیڈ کانسٹبل کے ساتھ تیز قدموں سے باہر آیا۔ ایک ہَولُو شکل کا آدمی موتبر سے کھڑا باتیں کر رہا تھا۔ وہ اس جعلی ٹھاکر کو دیکھ کے آگے بڑھا، اوور ایکٹنگ میں اس کے پاؤں چھوئے۔ پھر اسٹینڈ پر کھڑی اپنی بائیسکل کے کیرئیر میں پھنسے دو پکے انناس نکال کے اس کی طرف بڑھا دیے۔ لڑکے کے انناس سنبھالتے ہی سلایہ کے ہولو آدمی نے ہاتھ جوڑ سلام کیا اور موتبر اور کانسٹبلوں سے رخصت ہوتا، بائیسکل چلاتا، وہ باڑی کے صدر دروازے سے نکل گیا۔ ہیڈ نے گندھی کے لڑکے سے کہا، "بس جی، اِتّا ہی آڈر ملا تھا۔" مطلب، اب آ جاؤ اپنے قید کے کمرے میں۔
لڑکے نے انناس آلی کے حوالے کر دیے۔ عام سے پھل تھے۔ وہ انھیں الٹ پلٹ کے دیکھتی رہی۔ پھر سونگھنے لگی۔ پھر کچھ نہ سمجھ میں آیا تو نوکرانی سے ہنسیا منگا کے اس نے ایک پھل کاٹا۔ دونوں نے کھایا۔ اس کے رس اور گودے اور مزے کی تعریف کی۔ ابھی تک لڑکے کی سمجھ میں تو کچھ آیا نہیں تھا۔ دوپہر کے کھانے کے وقت تک دونوں میں سے کوئی نہ سمجھ پایا۔ اس کے بعد منٹ بھر کے لیے بہت ہڑبڑی میں جھپٹتی، گہرے گہرے سانس لیتی، بڑی بہو نیلما آئی۔ لڑکے کے سامنے پکی رس بھریوں کی تھالی رکھتی ہوئی سرگوشی میں بولی، "دوئی لاکھ تیار کر لے۔۔ سُپھری اَبی تیرے کو بلائیں گا۔"
تھوڑی دیر بعد لڑکے کو بیٹھک میں بلا لیا گیا۔
نعمت الله خاں شکری پتلون ٹی شرٹ پہنے، خوب نہایا دھویا، بالوں کو برِل کریم سے سیٹ کیے، کلون لگائے، سامنے رکھی بلّور کی تھالی میں بھدّے پن سے انگلیاں پہنچاتے ہوے رس بھریاں اٹھا اٹھا کے منھ میں اُچھال رہا تھا۔ اس دکھاوے کی شگفتگی اور نمائشی لا ابالی پن کے باوجود رات کی جگار، مے نوشی اور بے اعتدالی کا پیلا رنگ اس کے گورے چٹے زمیندار چہرے پر خوب کھِنڈا ہوا تھا۔ آنکھیں بھی سرخ ہو رہی تھیں۔ آواز معمول سے زیادہ بھاری تھی اور چیزوں پر اس کا ہاتھ اوچھا پڑ رہا تھا۔
لڑکے سے کہنے لگا، "رس بھری کھاؤ۔۔ اس موسم میں مقوّی کا حکم رکھتی ہے رس بھری۔ کیا کوئی حکیم سالا ماء اللحم۔۔ اور وہ کیا چونچلے ہوتے ہیں سلاجیت ولاجیت کے وہ سب۔۔ کیا تیار کرے گا۔ ۔ آج کل اِن دنوں میں رس بھری ایک دم بس مغلّظ ہے سالی۔"
گندھی کے لڑکے نے شکریہ ادا کرنے کو ہاتھ جوڑ دیے اور رس بھری کے دو دانے سلام کر کے اٹھا لیے۔
شکری بولا، "بس، دو؟" پھر ٹھٹّھا مار کے ہنسا۔ "چلو، رات ہم نے دو پہ ہاں کر دی تھی معشوق سے۔ تو دو ہی پہ معاملہ ختم کرو ٹھاکر ساون سنگھ جی۔۔ نکالو، کہاں ہے؟۔ ۔ کیا ہے؟"
وہ اس طرح ایک دم جست کر کے اپنے مطلب کے موضوع پر آ جاتا تھا کہ حیرت ہوتی تھی۔ خیر، لڑکے نے جیب سے سونے کی ٹکیاں نکالیں اور دونوں ہاتھوں پہ رکھ کر پیش کر دیں۔ ان کی مالیت آٹھ نو ہزار روپے زیادہ ہی تھی۔ شکری انھیں ہاتھ میں لیتے، اُچھالتے، میز پر بجاتے، کیرم کی گوٹوں کی طرح کھیلتے ہوے پہلے ہنسا، پھر انھیں کاروباری انداز میں سمیٹ کر اٹھا۔ پتلون کی جیب میں ڈال کے دھپ سے بیٹھ گیا اور دوبارہ رس بھریوں کا کھیل کرنے لگا۔
گندھی کا لڑکا خاموش بیٹھا اس کی صورت تک رہا تھا۔
پولیس والا ایک دم بولا، "لڑکے! تمھارے بارے میں کچھ نہیں معلوم مجھے۔ اور جب مجھے لاعلم رکھا جاتا ہے تو میں اس کے الگ پیسے چارج کرتا ہوں۔ ہاں۔۔ جب خود لاعلم رہنا چاہتا ہوں تو الگ سے پیسے نہیں لگاتا۔ بالکل نہیں۔۔ مروّت بھی آخر کوئی چیز ہے۔ یہ دو لاکھ مروّت کا ریٹ ہے۔ اگر نیلما جانی نہیں ہوتی بیچ میں تو پورے چار لیتا۔ اس لیے کہ مجھے تو کچھ بھی نہیں معلوم، کہاں سے آئے ہو، کہاں جاتے ہو، کون ہو؟ مگر مجھے پروا نہیں ہے۔ زبان دے دی۔ نہیں دی ہوتی تو پورے چار لیتا، ایک پیسا کم نہیں۔۔ کس لیے کہ بھئی اس چار میں سے ایک تو عطا اور بخشش میں نکل جاتا۔ اب اس دو میں سے پچاس ہزار کا دان پُن کروں گا۔ یہ بھی نہ دوں تو کوئی سالا کیا کر لے گا؟۔ ۔ یہ سب اُلو کی دُم، محکمہ جاتی خچر اور بکریاں وغیرہ پان پان سَو کی اسامی ہیں۔۔ خوش ہو کے، دُم ہلا کے لیں گے۔ کیوں کہ میں انھیں ان کی اوقات سے زیادہ، ڈبل دوں گا۔۔ گویا ہزار ہزار۔ حوالدار ڈَھیں ڈَس سالے کو دو ہزار۔ اور جو وہ میرا بچہ ایس آئی ہاڑا آ رہا ہے اسے بیس ہزار۔ ہہہ ہاہاہا۔ ۔ ابھی وہ ٹریننگ کو گیا تھا تو سنا ہے ایک مسلمان داشتہ ساتھ لے آیا ہے۔۔ رکھیلوں، بندوڑ والیوں پر بڑا خرچ کرتے ہیں یہ جذباتی ٹائپ کے لونڈے۔ اتنا سمجھاتا ہوں کہ بیٹے! مفت میں قیام وطعام کا اصول اپنانا چاہیے۔ مطلب سب بھوجن وغیرہ اور وہ سب اگر مفت میں نہیں کیا تو پھر کیا خاک پولیس افسری کی۔"
وہ اَور بھی ڈینگیں ہانکتا، مگر گندھی کے لڑکے نے ہاتھ جوڑ کے عرض کی، "سر! جہاں اتنی کرپا کی ہے وہاں یہ بھی پھَرما دو کہ اب ہم پتی پتنی کے بارے میں کیا حکم ہے؟"
ہنس کے بولا، "بیٹے ساون سنگھ۔۔ اور وہ کیا؟۔۔ ہاں، راٹھوڑ! ہمارا تمھارا معاملہ اب چُکتا سمجھو۔ تم اب صرف باڑی کے، مطلب ہمارے معشوق کے، مہمان ہو۔ جب وہ اجازت دے، نکل جانا جدھر مرضی ہو۔ اور اپنے معاملے کا یہ ہے کہ تم نے مال دے دیا، یہ سمجھو ہم نے گارد ہٹا لی۔"
لڑکا گھگھیایا۔ "وہ تو ٹھیک ہے سر! ایک دم درست۔ پر مہمانی مجوانی کا بھی آپ ہی حکم کرو گے۔۔ اِدھر باڑی والوں سے۔۔ اور ایک بات عرج کروں۔ سرکاری باتوں میں بولنے جوگا تو نہیں ہے یہ کھاکسار، پر اتنا جرور ہے کہ نفری کو گھنٹا ایک کے لیے باڑی سے ہٹا لو گے سر، تو ڈیپارٹمنٹ کی شرما حجوری بھی بنی رہے گی۔ ۔ ہم دوئی نکل جان گے باڑی سے۔"
کہنے لگا، "صائب مشورہ ہے۔ ایک بندے کو باہر کسی کام سے بھیجا ہے۔ وہ آ لے تو ہٹاتا ہوں سب سالوں کو۔ پھر تم اور تمھاری وہ۔۔ ٹھکرائن۔۔ نیلما کو بتا کے نکل جانا۔۔ ویسے نام کیا ہے بائی کا؟"
اَور کچھ دیر اس کی بک بک جاری رہی۔ اس اثنا میں باڑی کا موتبر، پھوپھی زاد، چاندی کے چمچماتے کٹوروں میں خوب کڑھے، گلابی ہو چکے دودھ میں بادام پستے مغز گھونٹ پیس کے لے آیا، اور بتانے لگا کہ اس میں کیا کیا ہے۔ شکری نے لڑکے کو اشارہ کیا کہ لو۔
لڑکے نے ہاتھ جوڑ کے پوچھ لیا، "سر! اس میں بھانگ تو نہیں ہو گی؟"
تو پولیس والا بے اختیار ہنس پڑا۔ بولا، "ٹھاکر! ہم آپ کو بھانگ کیوں پلانے لگے؟ آپ کو سفر درپیش ہے بیٹے! بھانگ پییں تو یہ سالے باڑی والے پییں۔ سورگیہ ماسٹر کا یہ پوتا پیے، جو سالا اصل میں نواسہ ہے لیکن خود کو پوتا مشہور کیے ہوے ہے۔ ۔ کیوں بے؟۔۔ یہ کیا بدمعاشی ہے؟"
پھوپی زاد نے ہاتھ جوڑ کے کھیسیں نکال دیں۔ اور اس وقت خبر نہیں دونوں کے بیچ کیا سگنل اِدھر سے اُدھر ہوا کہ شکری کھڑا ہو گیا، اس نے اپنی پشت پر ہاتھ پہنچایا، پتلون کی پچھلی جیب سے چھوٹا سا پستول نکالا اور لڑکے کی طرف سادھ لیا۔ بولا، "ٹھاکر بیٹے! ضابطے کی ایک چھوٹی سی کارروائی رہتی ہے۔ آپ کی جامہ تلاشی لینی ہے۔ یہ سالا پوتا دروازہ بند کر دے گا۔ آپ بےفکر ہو کے ننگا جھاڑا دے دو۔۔ چلو۔۔ شابش! دیر نہیں کرو۔ دروازے بند ہیں سب۔ آپ کی بےعزّتی ہونے کا بھی کوئی احتمال نہیں اور سردی بھی نہیں لگے گی۔۔ ہاں، چلو۔۔ سویٹر، قمیص، بنیان، پتلون، چڈّی، سب گِرا دو بیٹے فرش پر۔۔ کم آن!"
اب تو سب کھیل ہی ختم ہو گیا تھا۔
گندھی کے لڑکے نے بہت بےبسی اور مُردنی سے شکری کی طرف دیکھا۔ دل میں کہا، "حرام جادہ ہے۔"
شکری ہنسا۔ بولا، "ہماری نیلما جانی نے کہا تھا کہ کہیں سے تمھارے پاس دو لاکھ آ جائیں گے۔۔ شام سے پہلے۔ ہم نے سوچا، بھئی کہاں سے آئیں گے؟ دور دور تک تمھارے کسی والی وارث سالے کا پتا نہیں ہے۔ ہائیں؟ بھئی کون لائے گا۔ ہمیں فکر ہو گئی۔ پھر ہمیں بتائے بغیر ہماری نیلما جانی نے سالے حوالدار ڈَھیں ڈَس سے ایک ذرا سی فےوَر کی درخواست کر دی۔۔ کہ بھئی ٹھاکر کی ملاقات آئے گی تم ملنے دینا۔ وہ ایک حرامی۔ اس نے اس معتبر سالے کو میرے پاس بھیج دیا کہ سر، ایسا ایسا ہے۔ میں نے کہا آنے دو، ملنے دو، لانے دو، کیا لا رہا ہے۔۔ جو بھی لائے بسم الله۔ پھر اس بھان کے کا سراغ اٹھاؤ۔ معلوم کرو کون ہے۔ اگر مال لاتا ہے تو مال بھی کھا لو۔۔ بندہ بھی گھیر لاؤ۔ ہاہاہا! تو بھئی مختصر یہ کہ تم دونوں مرد عورت اُدھر انناس کھا رہے تھے، اِدھر وہ بائیسکل والا جو انناس لایا تھا سالا جوتے کھا رہا تھا۔ جب اُس گھونچوُ کی کھوپڑی نرم ہوئی اور ناک کے رستے کچھ خون بہا تو وہ بولا۔۔ اور اونچے سُر میں بولا۔ معلوم ہوا انناس اصلی تھے۔۔ مطلب سونا وونا نہیں بھرا تھا اُن میں۔ ہماری جانم نے تمھاری بات بنائے رکھنے کو اس گدھے کے ہاتھ بھیجے تھے وہ۔ اچھا؟ ہم نے سوچا، بھئی انناس میں مال نہیں آیا، پھر کہاں سے آیا؟۔ ۔ سیدھی سی بات ہے۔ مال تو تمام عرصے اپنے ٹھاکر ساون سنگھ مہودئے کی باڈی سے بندھا رہا تھا۔۔ اور بندھا ہے۔۔ یعنی کیا خبر اب بھی بندھا ہو۔ تو بیٹے اب چڈّی بنیان رہ گئے ہیں جھانکنے کو۔۔ آ جاؤ اِدھر کھلّے میں۔۔ ہاتھ کنگن کو آرسی کیا ہے۔"
لڑکا کیا کرتا اور کیا کہتا، خاموشی سے سویٹر اتارنے لگا۔ اس نے پتلون کی بیلٹ ڈھیلی کی، کھینچی۔
شکری زیادہ دیر چپ رہنے والا کب تھا۔ کہنے لگا، "ایک بات بتاؤ یار! اتنا سونا وونا کہاں لے جا رہے تھے؟۔۔ سمجھ رہے ہو؟ اب تو تفتیش کا رخ ہی بدل گیا ہے، یعنی اب یہ معلوم کیا جائے گا کہ مال کہیں اُدھر تو نہیں جا رہا؟۔۔ دوسری طرف؟۔۔ تسلّی سے ننگے ہو لو، پھر دیکھتے ہیں۔"
گندھی کے لڑکے کو سب سونا۔۔ اور شاید لڑکی بھی جاتی دکھائی دی۔۔ اور لے جانے والا کون؟ یہ مَرا، نِچڑا پولیسیا سالا۔
اسی وقت پھوپی زاد کے ہاتھ سے چمچا یا کچھ اَور بہت آواز سے گرا۔ شکری چمک گیا۔ اس کے ہتھیار کا رخ اک ذرا دیوار کی طرف ہوا تھا کہ لڑکے نے مایوسی میں بیلٹ کھینچ کے بھاری بکّل پولیسیے کے ہاتھ پہ دے مارا۔ پستول چھُوٹ گرا۔ وہ گالی بکتے ہوے اٹھانے کو جھکتا تھا کہ مہاگنی کے بھاری اسکرین کے پیچھے سے کوئی اُچھل کے اُس پر آیا۔ لڑکے نے اُس عورت نیلما کے شوخ رنگ کے لباس کی جھلک اور ایک دھاردار ہتھیار کی چمک دیکھی اور یہ دیکھا کہ کس تیزی سے گرے ہوے آدمی پر سوار عورت کے دونوں ہاتھوں نے اپنا اپنا بھیانک لکشن پورا کیا ہے۔ اُلٹے ہاتھ نے گرے ہوے کا دہانہ جکڑ لیا اور سیدھے نے ہتھیار کا پھل اس کے گلے پر ایک کان سے دوسرے کان تک چلا دیا۔ بس خرخراہٹ سنائی دی۔ بڑی بہو نیلما تڑپتے ہوے اُلٹے آدمی کی گدّی پر گھٹنا جما کے بیٹھ گئی اور فوّاروں، تلّاریوں میں اس کی جان نکالنے کا جتن کرنے لگی۔
لمحےبھر کو لڑکے کی اُس کی نظر ملی۔ ایسا لگتا تھا کہ وہ نیند میں ہے یا کوئی ایسی سحر زدگی ہے کہ نہ وہ اسے پہچان پا رہی ہے نہ خود کو پہچنوا سکتی ہے۔
لڑکے کے لیے وقت بےحد سست رفتار ہو گیا۔
باڑی کے پھوپی زاد کے لیے تو وقت کی رفتار جیسے ختم ہو گئی۔ وہ کھڑے کھڑے کانپنے لگا، اس کا پیشاب خطا ہو گیا۔ مگر وہ اپنی بے خبری میں شکری کا تڑپنا دیکھ رہا تھا۔۔ دیکھے جا رہا تھا۔
اچانک لڑکے کو نیلما کی آواز سنائی دی۔ "اسے نا مردے کو اِدھر لے آ ٹھاکر! اِدھر لے آ"۔ لڑکے نے سن لیا تھا۔ وہ بڑھا۔
موتبر پھوپی زاد کے پیر اب تک فرش نے پکڑ رکھے تھے۔ اس نے بھی عورت کی آواز سنی۔ بھاگنے کے لیے اس نے دروازے کے رخ سلو موشن میں چلنا شروع کیا۔ گندھی کے لڑکے نے پیشاب، پسینے اور جاں کاہ دہشت میں آب آب ہوتے اس جیلی آدمی کو گردن سے پکڑا اور باڑی کی عورت کے حوالے کر دیا۔ عورت نے پھوپی زاد کو ہتھیار دکھا، ٹھنڈے ہوتے شکری پر گرا لیا۔ پھر وہ خود اٹھی اور لاتیں مار مار کے اُس آدھے مُردے موتبر کو پولیس والے کے اب تک ٹھنڈے ہو گئے جسد پر اٹھاتی گراتی رہی۔ فرش پر پھیلا ہوا اور مُردے کے جسم سے رستا ہوا لہو موتبر کے ہاتھوں پر، اور چہرے اور لباس پر چھَپ گیا تھا۔ وہ اپنے مختل حواسوں کے ساتھ خوف زدگی میں اِدھراُدھر دیکھتا خود بھی بھیانک نظر آنے لگا۔ باڑی کی بڑی بہو نے اس کا کالر چھوڑ دیا اور نِنداسی آواز میں بولی، "سپھری کے پاس سے اپنا سونا نکال لے ٹھاکر! اس کی جیب ماں گڈّی کی چابی ہے۔۔ نکال لے میری جان! ٹھکرائن کو اپنی لے کے آ رے جلدی۔ دیری نئیں کر۔ جانے کا ٹیم کمتی ہے!"
کچھ سنا، کچھ نہیں سنا، لڑکا بیٹھک کا دروازہ کھول کے نکل گیا۔ آلی کو بیٹھک تک لانا ہے۔ اس نے سوچا شاید یہ آخری آزمائش ہے۔ وہاں حوالدار موجود ہے اور باقی نفری بھی۔ ان تک شکری کے مرنے کی آوازیں تو نہیں پہنچی ہوں گی۔ اس نے خود کو تسلّی دی۔ "نہیں جی نہیں۔" باہر ہیڈ کانسٹبل اسے دیکھتا تھا۔ لڑکا کھسیائی ہوئی مسکراہٹ چہرے پہ جمائے چلتا رہا۔ پہنچ گیا۔ سرسری سا ایک بار پولیس والوں کو دیکھ کے وہ لڑکی سے کہنے لگا۔ "لے ری تیرا نمبر آ گیا۔ ڈی ایس پی صاحب یاد کر رہے ہیں۔" لڑکی آلی نے اس کے چہرے کی اُڑی ہوئی رنگت دیکھی، کچھ نہیں سمجھی، اس کے پیچھے پیچھے چل پڑی۔
بیٹھک کے قریب پہنچتے ہوے لڑکے نے پھنسی ہوئی آواز میں کہا، "تیار ہو جا آلی! سُپھری نمٹ گیا ہے۔" لڑکی اب بھی نہیں سمجھی۔ دونوں بیٹھک میں داخل ہو گئے۔ اور وہاں لڑکی آلی نے خون دیکھا اور حلق کٹے آدمی کو فرش پر پڑا دیکھا۔ اسے موتبر کا چہرہ، کپڑے، ہاتھ پاؤں سب لہو میں سَنے ہوے دکھائی دیے اور لڑکے کے سنبھالتے سنبھالتے بھی اُس نے چیخوں پر چیخیں مارنی شروع کر دیں۔ موتبر جو اَب تک سکتے کی حالت میں کھڑا تھا، ایک دم گلا پھاڑ کے چیخنے لگا، "بچاؤ، بچاؤ! سپھری صاب کتل ہوئی گیا۔۔ کتل ہوئی گیا سپھری۔۔ بچاؤ رے بچاؤ۔"
باڑی کی عورت جیسے اب نیند سے جاگتی جا رہی تھی۔ گندھی کے لڑکے کو دیکھ پکار کے بولی، "نکل جا رے ٹھاکر! باڑی کی کھڑکی سے کوُد کے نکل جا میری جان!"
مگر باہر سے دوڑے آتے پولیس والے بیٹھک میں بھرتے جا رہے تھے۔ لڑکے نے حوالدار کے ہاتھ میں دونالی شاٹ گن دیکھی۔
ستّر طرح کی آوازوں کے اوپر سے باڑی کی عورت نے پھر چیخ کے کہا، "نکل جا رے دوس! نکل جا میری جان!"
"کتیا سالی!" لڑکے نے دل ہی دل میں گالی دی۔ "مروا دیا میرے کو۔۔ سالی کتیا نے مروا دیا میرے کو۔"
لڑکی آلی بھی برابر چیخیں مار رہی تھی۔ لڑکے نے پھر دل ہی دل میں گالی دی۔ "دَھت تیری تو!۔ ۔ دھت تیری ایسی کی تیسی!"
باڑھ کا پانی سلایہ گاؤں کے ٹخنوں سے اوپر تک چڑھ آیا تھا۔
سب چیزیں، سب لوگ ڈوبتے جا رہے تھے۔
٭٭٭

نصیبوں والیاں

صحّت کے سلسلے میں بہت سوں کے اپنے اصول ہوتے ہیں۔۔ کچھ کے نہیں بھی ہوتے۔
ممّند ریاض کا یہ تھا کہ سویرے جلدی اُٹھنے والا بندہ تھا۔ روز وہ میونسپل پارک میں شبنم سے بھیگی گھاس پہ ننگے پاؤں ٹہل ضرور لگاتا تھا۔ کہتا تھا اس سے آنکھوں کی "روشنیائی" بہتر ہوتی ہے۔ خبر نہیں اس بہتر روشنی کو وہ گاہکوں کو پہچاننے، اُن پہ کڑی نظر رکھنے کے لیے استعمال کرتا تھا یا اس کا مقصد اتنا سادہ اور روزمرہ جیسا نہیں، کوئی باقاعدہ گہرا وجودی مقصد تھا ممّند ریاض کا۔
جو بھی ہو۔
ممّند ریاض شبنم پہ ٹہل لگا کے اپنے ٹھکانے پہ پہنچنے کے لیے ددّی بائی کے چوبارے کی سایہ سایہ نکل رہا تھا کہ اس نے رونے کی آوازیں سنیں۔
رات میں کسی وقت سوتے میں مَگھیانے والی ددّی بائی گزر گئی تھی۔
ممّند ریاض نے بات سنی، سمجھی، پھر بعد میں موقعے موقعے سے کہنے کو ذہن میں ایک اچھا سا فقرہ بنا کے اسے اپنے اندر فائل کر لیا۔ وہ برادری والوں میں بیٹھے گا تو ددّی کو اچھے لفظوں سے یاد کرتے ہوے یہ ضرور کہے گا کہ دیکھو جی، اَرام سے گجر گئی ددّی جی۔ ناں نزعے کا آلم ہوا نہ جان کندنی ہوئی، اَرام سے سونتے سونتے گجر گئی۔ ہاہہ!۔ ۔ نیک روحوں نے ایسے ہی چلے جانا ہوتا ہے۔ مالک سبھوں کی شرم رکھے۔ ۔ آال لے!۔ ۔ اوول لے!۔ ۔ یہ آخری آواز ممّند ریاض کی ڈکاروں کی تھی۔
پیٹ خالی ہو یا بھرا، وہ اونچی آواز میں بولتا ہو یا کچھ سوچ رہا ہو، ممّند ریاض ہر لمبے فقرے، ہر لمبی سوچ کے آخر میں آال لے! اوول لے! کر کے نقلی ڈکاریں ضرور لیتا تھا۔
خیر۔ وہ رونے کی آوازیں سن کے ٹھٹھکا۔ ددّی بائی کا فلیٹ لڑکیوں کا گھر تھا۔ کوئی مرد ذات بڑا بوڑھا تھا نہیں۔ پڑوس کی نیلم بائی اور اس کے گماشتے، اسی ڈکاروں والے ممّند ریاض، نے فوراً آ کے چارج سنبھال لیا۔ دروغوں، پہلوانوں کو خبر کر دی گئی۔ کسی نے جا کے تھانے میں بھی بتا دیا۔ ضابطے کی پابندی نہیں تھی، ایسے ہی پڑوس پچھواڑے کی مروّت ہو گی کہ بھئی ہو سکتا ہے پیٹی اتار کے کروشیے کی ٹوپی سر پہ مَڑھ کے فاتحہ کے دو لفظ پڑھنے ہیڈ کانسٹبل میاں گل بھی پہنچ جائے۔ ددّی بائی کی اُس کی برسوں کی آشنائی تھی۔
ان فلیٹوں چوباروں کا مالک حاجی قاسم نورو تھوڑی دور پہ اپنی دکان میں بیٹھا پرانے کپڑوں کی گانٹھوں کا حساب کر رہا تھا __ جو وہ ہر وقت کرتا رہتا تھا۔
اس نے ایک دور دراز طمانیت کے احساس سے یہ خبر سنی اور اپنی چندیا کھجائی۔ "اب جب کہ ددّی بائی مر گئی ہے تو یہ فلیٹ اس کے چنگل سے سمجھو آجاد ہے۔ تو اب اس کا بھی کچھ کریں گے انشا الله۔"
مگر وہ دین دار اور عملی آدمی بھی تھا۔ اس فلیٹ میں ایک میّت پڑی تھی اور فلیٹ خالی کرانے سے پہلے میّت کو اس کے سفر پر روانہ کرانا ضروری تھا۔ اس نے خبر دینے والے سے کہا، "دیکھو بھائی جان! اُدھر جو کوئی بھی ہووے اس کو میرا بولو کہ کاسم نورو سیٹھ میت گاڑی کا اَنے گسل والی کا سبی اِنتی جام کر دیں گا۔ ابی پھون کرتاؤں۔ تم لوگ کسی کو اُدھر میوے شا بھِجا کے بس گورکند کو بول دیو۔ کیا؟"
گوجرے والی خدمتی میّت گاڑی کے اُٹنگے پیچامے اور گِجگِجائی ہوئی گھنی ڈاڑھی والے جوان والنٹیئر کو بتا دیا گیا کہ کس بلڈنگ سے کنجری کی میّت اُٹھانے کی ہے۔ اسی نے غُسّال بڑھیا کو رکشے میں بٹھا کے مکرانی پاڑے سے بلڈنگ تک لانا تھا۔ قاسم نورو نے رکشا کے پیسے دیے تھے۔ اور بھی پیسے دیتے ہوے والنٹئیر سے کہا تھا، "اَبا ثواب کا کام ہوئیں گا۔ یہ روکھڑا سمبال، گسل والی کو کپڑا کاپھور دے دلا کے برابر سیٹ کر دے۔ فلیٹ دکھا دے۔ کیا؟ پیچھے چھوٹا میّت گاڑی لے کے پونچ جانا۔ چھوڑ آنا ددّی بچاری کو۔"
حاجی قاسم نورو نے چھوٹی میت گاڑی کا اس لیے کہا تھا کہ اسے معلوم تھا گنتی کے چھ آٹھ دروغے، پہلوان، کسبیوں کے بھائی بند ساتھ جائیں گے۔ باقی تو بلڈنگ میں عورتیں ہی عورتیں ہیں۔ انھیں قبرستان تو نہیں جانا ہو گا۔ چھوٹی گاڑی صحیح رہے گی۔ "اس کا پھیئر بھی کمتی لگیں گا۔ کیا؟"
جب گاڑی بلڈنگ سے چلی تو کالے ڈوپٹے اوڑھے، گھر کے ملگجے کپڑوں میں ملبوس کوٹھے والیاں اور پچھواڑے کی کم حیثیت پاڑے والیاں رو رو کے بَین کرنے لگیں کہ ہائے ری ددّی بائی تو کیوں چلی گئی، اور کچھ دیر کو دن کے سوختے میں بھی بڑی سڑک اور ساتھ کی گلیاں اور گلیارے آدمیوں اور آوازوں سے ایسے بھر گئے جیسے چراغ جلے پہ بھر جاتے ہوں گے۔
میت گاڑی بھی ٹھنساٹھنس بھر گئی تھی۔ کچھ لوگ کھڑے تھے اور دو چار لٹک بھی رہے تھے۔ اندر سیٹ پہ خیالی ڈکاریں لینے والے ممّند ریاض کے برابر بیٹھی ایک عورت یا لڑکی __ بےبی نگی نا __ روئے جاتی تھی۔ دوسری عورتوں کے برخلاف اس کا ڈوپٹہ زعفرانی رنگ کا تھا۔ تو کیا ہوا؟ آدمی کو واقعی دکھ ہو تو زعفرانی رنگ بھی ماتمی بن جاتا ہے۔ پر وہ جس کا نام بےبی نگی نا تھا، خبر نہیں کیوں رو رہی تھی؟ حالاں کہ کسی کی ایسی کوئی رشتے ناتےدار بھی نہیں تھی۔
میت گاڑی کے گھنی ڈاڑھی والے والنٹیئر نے گاڑی میں بیٹھی اس اکیلی بائی جی کو دیکھا تو دل میں کہا، "لاحول ولا۔۔ ان لوگ کو یہ کھبر نئیں کہ عورت کا کبرستان میں جانا مکروہ۔۔ یا کیا ہے۔ لاحول ولا۔۔ کوئی دین دھرم تو اِن کنجروں کا۔۔ خیر جی ہم کون۔۔ بھئی ہمیں کیا۔"
ایک مُردہ اور ایک زندہ بائی جی کو لیے، بہت سے دلالوں، سازندوں، تماش بینوں اور ایک پولیس والے کے ساتھ، اس نے میوے شا کی سڑک پکڑ لی۔

٭ ٭ ٭

ددّی بائی مگھیانے والی کے بغیر فلیٹ ایسا ہو گیا جیسے کسی دیہاتی فلیگ اسٹیشن پر مسافروں کا چھپرا۔ لڑکیاں تین روز تک چھلکوں، ردّی کاغذوں، ٹوٹے ہوے کوزوں کی طرح رُلتی، ٹھوکروں میں لُڑھکتی چیزیں بنی رہیں۔ بہت لوگ آئے، بیٹھے، ددّی بائی کو یاد کیا اور افسوس کی شکل بنائے چلے گئے۔
آنے والوں میں دندناتی ہوئی آنے والی ایک ہوا تھی۔ وہ اپنے ساتھ بےچینی اور خوف اور دھُول مٹّی لائی۔ اس دھول مٹی اور خوف نے چیزوں کو ڈھک لیا۔ لڑکیوں کو معلوم تھا کہ دھول مٹی سے ڈھک دیا جانا دفن ہونا ہے۔
وہ کسی کے ساتھ دفن ہونا نہیں چاہتی تھیں۔
ددّی کے گزر جانے کے چوتھے دن کام والا لڑکا فلیٹ میں آیا تو اس کا منھ سُوجا ہوا تھا۔ لڑکیوں میں ایک __ جمیلہ __ غسل خانے سے ہاتھ منھ دھو کر نکل رہی تھی۔ اُس نے لڑکے کو دیکھا، حیران ہو کے بولی، "ابے او! تیرے منھ کو کیا ہو گیا؟"
لڑکے کا جی چاہا جمیلہ کی بات کا کوئی جواب نہ دے۔ مگر وہ رکی کھڑی تھی، اس نے منھ بنا کے اوں ہوں جیسا کچھ کہہ دیا۔
وہ بولی، "کیا قُوں قُوں کرتا ہے مرغی کے؟ ابے بتاتا نہیں کیا ہوا؟"
لڑکا جھنجھلا کے بولا، "شید کی مَخی نے کاٹ لیا نا۔"
جمیلہ نے دانت نکال دیے۔ "اوئے سالے مِٹھڑے دلدار! شہد کی مکھی بھی کاٹتی ہے تیرے کو؟"
ایک اور لڑکی نے اس نا وقت مسخرے پن پہ منھ بنایا۔ تیسری، جو باہر جانے کی تیاری کر رہی تھی، مسکرانے لگی۔ کوئی ایک، جو پردے کے پیچھے سب سن رہی تھی، کھی کھی کر کے ہنس دی۔
فلیٹ چل پڑا۔
جس کا جی چاہا کام کاج میں لڑکے کا ہاتھ بٹانے لگی۔
لڑکے نے ددّی بائی کے طریق پر گھر چلانا شروع کر دیا۔ مگر گھر چلانے کے لیے پیسے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اور پیسا سب ددّی بائی کے ہاتھ میں رہتا تھا۔ لڑکیوں کی رقمیں، گہنے پاتے بھی سب وہی سنبھال کے رکھتی تھی __ تجوری میں۔
اور تجوری کا ایسا تھا کہ برادری کے کہے پہ کفن دفن سے پہلے ہی اس کی چابی مینا دروغے کے پاس امانت رکھا دی گئی تھی۔ مینا سمیت سب کا کہنا تھا کہ تار دے دیا ہے، ددّی کے بھائی بشیر کو آ لینے دو۔ تب ہی سب مل کے کوئی فیصلہ کریں گے اور تجوری کھولیں گے۔
مگر اب یہ مسئلہ بھی تھا کہ جب تک تجوری نہیں کھلتی روز کے خرچ کے پیسے کہاں سے آئیں گے۔ تین دن تک تو کھانے کا انتظام آپی آپ ہوتا رہا۔ کبھی نیلم بائی نے، ناجو نے اور سِیبے پہلوان نے، کبھی مینا دروغے نے یا کشمیری ہوٹل والے سیٹھ نے فلیٹ پر کھانا پہنچوا دیا۔ ٹھیک بھی تھا۔ موت میّت کے گھر میں چولھا کیسے جلتا؟
گلابو زنانہ، جو کبھی مہینے پندرہ دن میں تالی پھٹکارتا آ جایا کرتا تھا، ایک دن تو وہ بھی مسافرخانے والے ہوٹل سے آلو پڑی بریانی کی چھوٹی دیگ اُٹھوا لایا۔ دو وقت وہ بریانی چل گئی۔ پر اب غمی کے کھانے آنا بند ہو گئے تھے۔ فلیٹ کو واپس اپنے روٹِین پہ آنا تھا۔
ایک لڑکی بالو کے پاس سو سوا سو روپے پڑے تھے۔ پڑے کیا تھے، چھپا رکھے تھے اس نے۔ جب دوپہر کے کھانے کی بات چلی تو اس نے سو کا نوٹ ادھار کے نام سے لڑکے کو پکڑا دیا۔ وہ قیمہ، سبزی، تیل، پیاز سب لے آیا۔
پیسے دیتے ہوے لڑکی بالو نے سوچا تھا کہ رانی، روزی، چمپا اور نگی نا کو بھی پیسے ڈھیلے کرنا چاہیے تھے۔ اور یہ جمیلہ اب تک بچی کیوں بنی ہوئی ہے؟ اس کے پاس خود اپنے پیسے بھی تو ہوں گے۔
دن بھر میں کچھ نہیں کچھ نہیں تو بیس روپے کی تو صرف روٹیاں آئیں گی۔
پھر اس نے رانی کے بارے میں سوچا جو کسی کو بتائے بغیر سویرے ہی نکل گئی تھی۔ بالو نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا نیچے سلیٹی رنگ کی اوپل رکارڈ میں بیٹھ رہی تھی رانی۔ ساتھ میں وہ تھا ڈکاروں والا بےغیرت ممّند ریاض، چکن کا گلابی کُرتا پہنے۔ شرم تو آتی نہیں ان بے پِیروں کو۔ ددّی جی کو گزرے ابھی چوتھا دن ہے کہ انھوں نے بُڑھیا کے کوٹھے پر ہاتھ ڈال دیا۔ تھُک ہے! ایک دو دن تو رک جاتے بے صبرے۔ پھر جیسی سب کی صلاح ہوتی۔ مگر ان بے غیرتوں کو کس بات کی شرم مروّت۔
ایک بالو ہی کیا سب جھنجھلانے لگے تھے۔ چمپا نے ناشتے کے بعد تیار ہونا شروع کر دیا تھا۔ اس نے سب کے ساتھ مسکہ بن کھایا تھا، چاے پی تھی۔ کسی کو شک بھی نہیں تھا کہ اب یہ باہر جائے گی۔ کپڑے بدل کے اس نے جمیلہ سے آرینج کے کسی شیڈ کی لپ اسٹک مانگی، کیوں کہ یہ جوڑا اس کا آرینج کے شیڈ میں تھا۔ روزی بولی، "یہ تُو ددّی جی کو وِزٹ کرنے میوےشا جا رہی ہو گی جو آرینج لپ اسٹک مانگتی ہے کتیا؟" اس پر گالیاں بکتی چمپا پنجے کھول کے جھپٹ پڑی۔ بالو نے کولی ڈال کے بڑی مشکل سے اُسے الگ کیا۔ اونچی آواز میں گالیاں نکالتی چمپا فلیٹ کی سیڑھیاں اتر گئی۔
لڑکے نے سوچا، "لو جی۔ فلیٹ اب صئی سے چل پڑا۔"
باورچی خانے کی پیڑھی پر بیٹھ کے سبزی کاٹتے ہوے لڑکی بالو اُس کڑوے پن کا حساب کرنے لگی جو ددّی کی موت کے چوتھے دن دھیرے دھیرے فلیٹ میں ریلیز ہو رہا تھا۔
دن ڈوبنے سے پہلے ایک بڑے بھاری ٹرانسپورٹر کا بیٹا ٹمّی، جو ہر دوسرے تیسرے دن آیا کرتا تھا، ددّی جی کی موت کے احترام میں وِسکی لگائے بغیر خاموشی سے فلیٹ میں آیا اور سر جھکا کے بیٹھ گیا۔ وہ ددّی جی کی یاد کو ایک طرح کا خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹی شرٹ جینز کی بجائے آج کڑھے ہوے گلے کا کُرتا اور چوڑی دار پاجامہ پہن کے آیا تھا۔ کرتا سچی بوسکی کا اور پاجامہ پانچ پھلی مارکہ لٹّھے کا تھا۔ بھاری ٹرانسپورٹر کے بیٹے ٹمّی نے آج اپنی چابی والے سونے کی زنجیر بھی نہیں گھمائی تھی، جیسی کہ اُس کی عادت تھی، بلکہ وہ مصنوعی، احمقانہ اُداسی میں پہلے دس پانچ منٹ خاموش بیٹھا، پھر اپنے چھوٹے چھوٹے جاہلانہ فقروں میں دھیرے دھیرے سمجھانے لگا کہ زندگی کا یہی ہے۔ پھر اُس نے اِس بات پر زور دیا کہ لڑکی روزی کو اور سب کو اپنا دل بہلانے کی ضرورت ہے۔ آخر میں وہ روزی کو اس پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہو گیا کہ وہ کھلی ہوا میں ذرا نکلے، ایسی بند گھٹی ہوئی جگہ میں مستقل بیٹھی رہی تو خدا نہ کرے بیمار پڑ جائے گی۔ روزی نے بالوں میں جھپاجھپ کنگھا پھرایا، پھر وہ گرے کلر کی ریشمی شال لپیٹ کے ہوا میں آہستہ سے بولی، "جمیلہ! میں ابھی آتی ہوں، پریشان نہ ہونا،" اور بھاری ٹرانسپورٹر کے بیٹے ٹمّی کے ساتھ فلیٹ کی سیڑھیاں اُتر گئی۔
بالو نے اندر ہی اندر دانت پیستے ہوے ٹمّی کو کھُلی مردانہ گالیوں سے یاد کیا مگر پھر اس نے سوچا کہ وہ سب سے اس طرح کیوں بھِڑے جا رہی ہے۔ اس نے کون سا ددّی کی یاد کا اور غمی ماتمی کا یا فلیٹ کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔ تایا بشیر آ جائے، ددّی نے اُس کا جتنا جو تجوری میں سنبھال کے رکھا ہے، لے گی اور نکل جائے گی۔ وہ کیا کہتے ہیں کہ: مُلکِ خدا تنگ تو نہیں ہے۔
بالو اُٹھی، لڑکے سے کہہ کے باہر چلی گئی کہ وہ ناجو کی بیٹھک سے ابھی ہو کے آتی ہے۔ لڑکے نے بالو کو جواب میں سر ہلا کے "ہاں" کہا اور لاؤنج میں بچھی چوکی کے پاس آ کھڑا ہوا۔ چوکی پر بےبی نگی نا جیسے سنّاٹے میں بیٹھی تھی۔ آنسوؤں نے بہہ بہہ کے اُس کے گالوں پہ لکیریں سی بنا دی تھیں۔
ددّی جی کے گزرنے کے بعد وہ اب نگی نا بےبی کو روتے ہوے دیکھ رہا تھا۔ لڑکا خاموشی سے چوکی پر بیٹھ گیا۔ پھر اس نے اپنا کالا اور محنت کے کام سے کٹا پھٹا بدصورت ہاتھ نگی نا بےبی کے شانے پہ رکھ دیا۔
"رونا نئیں چیّے!" اُس نے کہا اور خود بھی رونا شروع کر دیا۔

٭ ٭ ٭

اگلے دن ابھی سب سو ہی رہے تھے کہ دو ٹیکسیوں میں بشیر دروغا کا سامان، وہ خود، اُس کی شاگردیں اور نوکر پہنچ گئے۔
لڑکیوں نے بشیر دروغے کو تایا کہنا سیکھا تھا۔ کیا کرتیں۔ ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنے، خوب گھُٹ کے ٹِنڈ کرائے ہوے سوا چھ فٹ کے اس چمکتے ہوے کالے آدمی کو، جو کسی کا چچا تایا کچھ بھی نہیں لگتا تھا، لڑکیاں اُس وقت بھی تایا کہتی ہوئی آگے بڑھ گئیں۔
دروغا اونچی آواز میں بات کرنے کا عادی تھا، ٹیکسی والوں سے جھگڑتے اُسے مَخما دُولا کے تنور تک سنا جا سکتا تھا۔ جب تک ایک ایک صندوق اور ڈبّا، ایک ایک شاگرد اوپر نہ پہنچا دی گئی دروغا اپنا ریشمی تہبند کولھوں تک سمیٹے، نوکروں کو اور ساتھ آئی لڑکیوں کو اونچی آواز میں ہدایتیں اور دھمکیاں دیتا رہا کہ اوئے گرانا نئیں، توڑنا نئیں! میں مار کے سُٹ دیاں گا۔
دروغے کے شور شرابے کے دوران سڑک کے بائیں رُخ کی پرانی بلڈنگ کے پہلے مالے پہ ایک کھڑکی کھُلی، کھڑکی سے مہندی لگا ایک سر برآمد ہوا۔ سر والے نے آواز لگائی، "ہاں دروغا! آ گیا بئی؟" بشیر دروغے نے اپنا شور شرابا روک کے مہندی سر والے کو دیکھا، ٹھٹّھا مار کے جواب دیا، "ہاں بئی مینا دروغا!۔ ۔ آ گئے۔" یہ کہتے ہوے اُس کے لہجے میں بڑی مسرت تھی۔
مینا نے جواب میں کہا، "بسم الله او بسم الله!" اور سر اندر کر لیا۔
بشیر نے رُخ بدل کے اسی پہلے والے زور شور سے نوکروں اور شاگردوں کو ڈانٹنا شروع کر دیا۔
بعد میں فلیٹ میں ایک ہی قدم جو رکّھا تو بشیر پر جیسے غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ اس کا قد چھ فٹ کا رہ گیا اور آواز کو جیسے سیندور لگ گیا۔ فلیٹ کے دروازے پر اسے جمیلہ کھڑی مل گئی تو اس نے اُس کے سر پہ اپنا بھاری سیاہ پنجا رکھا اور کم زور آواز میں بین کرنا شروع کر دیا کہ "آپاں جی کیوں چلی گئی۔ اب اس مَصُوم کا کیا ہو گا؟"
بالو دروازے کی اوٹ میں آ کھڑی ہوئی تھی۔ اس نے رانی کی طرف دیکھ کے آہستہ سے فقرہ لگایا، "ہو گا کیا! تایا بھینسا آ گیا ہے، پھر نتھ اُتروائی کرائے گا دھوم سے۔"
دروغے سے رانی ملا کے رکھنا چاہتی تھی۔ اُس نے بالو کو گھور کے دیکھا اور ڈوپٹہ سر پہ لے کر غم میں ڈوبے ہوے دروغے کو آداب کیا، ہاتھ تھام کے اُسے چوکی تک پہنچایا۔
دروغے نے شفقت ظاہر کرتے ہوے بالو کے سر پر بھی ہاتھ رکھا، بولا، "جیتی رہ بچّی جیتی رہ۔ او تم سب نِکّی نِکّی چڑیوں نے کیسے جھیلا ہو گا یہ غم کا پہاڑ؟۔ ۔ ہائے؟"
سب چوکی کے سامنے آ گئی تھیں۔ لڑکی روزی کو آتے دیر ہو گئی۔ تائے نے دیکھا کہ ایک رہ گئی تھی وہ اب آ رہی ہے۔ اس نے کندھے پر پڑا تولیہ منھ پہ ڈال لیا۔ تولیے میں سے بولا، "روزیے! او پتّر! اوئے کیا کریں؟ کِدر جائیں؟ کیا کریں نی؟"
بالو نے رانی کے کان میں کہا، "موج بہاراں!" اور بالکنی کی طرف نکل گئی۔
بشیرے نے اب کام والے لڑکے کو دیکھا، "توں کون ہے بئی؟"
رانی نے بتایا کہ یہ کام والا لڑکا رفیق ہے۔ ددّی جی اس سے بڑا لاڈ کرتی تھیں۔
بھینسے نے لڑکے کو چمکارا، اپنے پاس بُلایا۔ وہ نئی جگہ پہنچ کر اپنے ہم نوا بنانے کی اہمیت سمجھتا تھا۔ کہنے لگا، "جو آپاں جی کا لاڈلا وہ اپنا لاڈلا۔ کیا نام بتایا تھا پتّر؟"
"رفیق۔"
"اچھا تو رفیک پتّر! بزار سے سودا سلف توں لاتا ہے؟"
"ہاں صاب۔"
"ہوُوں۔" دروغے نے پُر خیال انداز میں اپنے کُرتے کے نیچے پہنے شلوکے کی جیبیں ٹٹولنی شروع کیں۔ سو کا ایک نوٹ نکالا، لڑکے کی طرف بڑھاتے ہوے بولا، "لے پتّر! یہ سنبھال۔ یہ نوٹ ہے سَوں کا۔ گھر میں اس وکت بندے ہیں چھ تے چھ باراں اور ایک تُوں۔ بئی جا، تیراں بن لے کے آ۔ فٹافٹ۔۔ کاغذ کی تھیلی میں ملتے ہیں وہ موٹے والے بن۔ اور بئی ایک۔۔ ناں ڈیڑھ سیر لے کے آ دَئیں۔۔ جا ہاں، لے آ۔ ۔ ․․ پھر جھپٹ کے ناشتہ کر لیاں گے۔"
لڑکا "اچھا صاب!" کہہ کے برتن لانے کچن کی طرف جاتا تھا کہ دروغا نے پوچھا، "او کیوں بئی کاکے! کنّی ایک دکاناں ہون گی اِدھر دُدھ دَئیں کی؟"
لڑکا بولا، "پتا نہیں تین چار دیخی ہیں میں نے۔"
اس جواب سے دروغے کی تشفی نہیں ہوئی تو وہ بڑبڑانے لگا کہ بھئی شہر کے دودھ دہی پہ اعتبار کوئی نہیں کیا جا سکتا۔۔ بھاویں شہر کوئی بھی ہو۔ پھر بولا کہ چل پتّر، میں دیکھوں کیسا دودھ دہی دیتے ہیں کیا کرتے ہیں ادھر کے دکان دار!
لڑکا دہی کے لیے برتن اور بنوں کے لیے تھیلی لے کے چلا تو دروغا بھی جوتیاں پہن کے ساتھ ہو لیا۔
باہر آیا تو وہ بڑی سڑک پر لڑکے کے پیچھے کچھ دور چلا۔ لڑکے نے اسے اشارے سے دودھ دہی کی دکانیں دکھا دیں۔ دروغے نے پسندیدگی میں سر ہلایا۔ پھر اچانک یاد آ گیا کہ اسے نہانے کا صابن لینا ہے۔ وہ بولا، "لے بئی پتّر دکانیں تو ٹھیک ہی ہیں۔ تو دئیں لے، بن لے۔ میں اُدھر سے صابن پکڑ لوں۔۔ چنگا؟"
لڑکا دہی لینے چلا اور دروغا تیزی سے قدم بڑھا کے سڑک پار کر گیا۔ پہلے اس نے اِدھر اُدھر، پھر ددّی کی بالکنی پر نظر ڈالی۔ بالکنی خالی تھی۔ اس طرف لڑکا بھی کہیں نہیں تھا۔ دروغا تیزی سے اُس پرانی بلڈنگ میں داخل ہو گیا جس کے پہلے مالے کی کھڑکی سے مینے نے اپنا لال سر نکال کے اسے بسم الله کہی تھی۔ بشیر دروغا مینا کی بیٹھک پر زیادہ سے زیادہ پانچ منٹ رکا ہو گا۔ پرانی بلڈنگ سے نکلتے ہوے اس نے پھر دائیں بائیں دیکھا اور سڑک پر آ گیا۔ سڑک پار کرتے ہوے اس نے دودھ دہی کی دکانوں کی طرف تاکا۔ لڑکا اب بھی سامنے نہیں تھا۔ دروغا فلیٹ کی طرف چلنے لگا تو اسے لڑکا دکھائی دیا۔ وہ انتظار کرنے لگا۔ یہ صحیح ہے! دروغا بشیر نے اطمینان میں سر ہلایا۔ وہ دونوں ساتھ نکلے تھے، ساتھ لوٹ رہے ہیں۔
ناشتے سے پہلے دروغے نے تولیہ اُٹھا غسل خانے کی راہ لی۔ اُسے یاد تھا کہ اس نے لڑکے سے صابن خریدنے کی بات کہی تھی تو اب اس نے اُسے اور سب کو سنا کے کہا کہ بھئی یہ بازار بھی خوب ہے۔ ادھر کام کی چیز بھاویں ناں نہ ہو، فیشن کی چیزاں بہت نظر آتی ہیں۔ "او پتّر بالو! جے کوئی لال صابن، کوئی سنلیٹ پڑا ہووے تو دے دئیں۔ شاباش!"
نہانے کے بعد بشیر دروغا کالے بدن پر لمبا تولیہ لپیٹے غسل خانے سے نکلا اور اپنے کسی نوکر جیوے کو زور زور سے پکارتا ددّی کے کمرے میں گھس گیا۔ اندر پہنچ کے بھی وہ برابر آوازیں دیتا رہا، "او لا اوئے جیوے! میرے کپڑے لکال دے۔"
جیوا تیز تیز چلتا ہوا آیا۔ کچھ دیر دروغے کے اندر پڑے ٹرنکوں، سوٹ کیسوں میں کھڑبڑ کرتا رہا، کمرے سے باہر آ گیا، کہ بشیر دروغا کی آواز سنائی دی۔ "بُوہا بند کر کے جائیں اوئے۔۔ میں کپڑے پانا آں!" جیوا دروازہ بند کر گیا۔
ددّی کی لڑکیاں اور تایا بشیر کی شاگردیں پلاسٹک بچھا کے پلیٹوں میں چمچے بھر بھر کے دہی ڈالنے اور کاغذ کی تھیلیاں پھاڑ پھاڑ کے فروٹ بن نکالنے لگیں۔
دروغا کسی بھی طرف سے موسیقی کا رسیا نہیں لگتا تھا مگر اس وقت وہ ددّی کے کمرے میں رکھا بڑا ریڈیو خوب زور شور سے بجا رہا تھا۔
دیر ہو گئی، بشیر دروغا کپڑے بدل کے نہیں آیا تو لڑکے نے ددّی والے کمرے کا دروازہ بجایا۔ "استاد چاء بناؤں؟ کہ بعد میں چاء پیو گے؟"
اندر سے دروغے کی جھنجھلائی ہوئی سی آواز آئی، "نئیں اوئے چا شا کوئی نئیں۔ بس دَئیں لکال لے۔۔ میں آیا۔"
اور کوئی پانچ سات منٹ بعد کتھئی رنگ کے کڑھے ہوے کُرتے اور بوسکی کلر کے تہبند میں عطر میں بھَبھَکتا ہوا بشیر تایا کمرہ کھول کے، "آؤ بئی آ جاؤ بسم الله" کہتا ہوا نکلا اور پلاسٹک کے دسترخوان پر اس نے اپنی جگہ سنبھالی۔
ناشتے پہ لڑکیاں بالکل خاموش رہیں۔ ہاں دروغا فروٹ بنوں کی تعریف کرتا اور میل محبت اور آپس کے بھائی چارے کے فضائل بیان کرتا رہا اور چَپ چَپ کر کے منھ چلاتا رہا۔ دہی کے بارے میں اس کی رائے محفوظ تھی۔ دکانیں تو بڑی شو شا والی تھیں پر کہنے لگا کہ ایسی دکانوں پر دہی کیسی ہونی چاہیے، یہ سمجھنے میں کچھ ٹائم تو لگے گا ہی۔
ناشتے کے بعد دروغا خلال کرتا، ڈکار لیتا بالکنی تک ہی پہنچا تھا کہ دروازے پر دستک ہوئی۔ چھوٹا موٹا ایک جلوس فلیٹ میں داخل ہونے کو زینے پر کھڑا تھا۔ مینا دروغا، ناجو بائی، نیلم لُدھیانے والی اور دوسری بائیاں، ممّند ریاض اور اس جیسی دو تین شکلیں، کشمیری ہوٹل والا اور فینسی حمام اینڈ ہیئر کٹنگ سَیلُون کا مالک نواز دین اندر آ گئے۔
اتنے بہت سے لوگ، یہ سارے پڑوسی اور برادری کے سربرآوردہ افراد، ددّی کی موت پر اسکے غم زدہ بھائی بشیر کو پُرسا دینے آئے تھے۔
دروغے نے لڑکیوں کو اشارہ کیا۔ مجرے کا کمرہ __ روزی روزگار کی جگہ __ ایسے سوگوار اجتماع کے لیے مناسب تو نہ تھی، مگر کیا ہو سکتا تھا۔ مُجرے والا ہال کھول دیا گیا۔ وہاں لڑکیوں نے ہال کے آئینوں پر میلی ملگجی چادریں، کمبل ٹانگ دیے تھے اور بروکیڈ کے غلاف کھینچ کے ننگے سوگوار تکیے بے ترتیبی سے اِدھر اُدھر ڈال دیے تھے۔ دروغا نے پسندیدگی میں سر ہلایا۔ اُجلی چاندنی پر سب آنے والے بیٹھ گئے۔ انھوں نے دونوں دروغوں، بشیر اور مہندی سر والے مینا کو اصرار کر کے صدر میں بڑے گاؤ تکیے کے ساتھ بٹھایا تھا۔ حالاں کہ بشیرا اور مینے دونوں انکسار سے کام لیتے ہوے ہاتھ جوڑتے اور اصرار کرنے والوں کے پیروں کی طرف ہاتھ بڑھا کر اپنی عاجزی ظاہر کرتے تھے۔ پھر بھی وہ اس ایک ہی تکیے سے ٹیک لگا کے ایک دوسرے سے بھِڑ کے بیٹھ گئے اور آپس میں اُس آخری ملاقات کو یاد کرنے لگے جب "آپاں، الله بخشے زندی تھی۔"
مینا دروغا بولا، "یار بشیر بھائی! آپ دُبل گئے، اب ڈیڑھ برس پیچھے دیکھتا ہوں آپ کو تو بہت ہی کچھ فرَق لگتا ہے۔"
بشیر بولا کہ "ٹیم سبھی کو خراب کرتا ہے دروغا۔ میں جو ابھی فٹ پئیری پہ کھڑا سامان سمیٹتا تھا اور آپ نے اپنی کھڑکی سے جھانک کے سلام دعا کی تھی تو سچی بات ہے فوری میں تو می نا بھائی! مَیں آپ کو پِچھان نئیں پایا۔"
مینا کہنے لگا، "کیسے بھلا؟"
بشیر مینے کی طرف گھوما، یعنی اپنی گینڈا گردن کے ساتھ جتنا بھی گھوم سکتا تھا، اور بولا، "بئی یہ لال سر تو کبھی نئیں دیکھا تھا آپ کا۔"
مینا مروت میں ہاہا کر کے تھوڑا ہنسا۔ "کیا کریں بھائی بشیر! ہم تو اب بوڑھی گھوڑیوں میں گنے جانے لگے۔۔ تو بس، لگام کو تو پھر لال رنگنا ہی رنگنا تھا۔ ہاہاہا!"
حمام والا نواز دین اپنی دکان پہ گاہک چھوڑ کے آیا تھا، اُس نے دروغوں کی وقت گزاری بات چیت بیچ سے اُچک لی۔ بولا، "بڑا افسوس ہوا جی ددّی بائی کے فوت ہونے کا سُن کے۔ الله مغفرت کرے۔ میں اُس روز دکان پہ نہیں آیا تھا ورنہ جاتا مٹّی دینے۔"
نواز دین نے پہل کی تو سب آنے والوں نے فرداً فرداً بشیر دروغے کو ددّی کا پُرسا دیا۔ سڑک کی عورتوں نے جو سر ڈھکتے ہوے اپنے ڈوپٹوں کو کانوں کے پیچھے اتنا اُڑس کے آئی تھیں کہ پیشانیوں کا بھی کچھ حصہ ڈھک گیا تھا، ہلکی آواز میں تھوڑا رو کر دکھایا، پھر چپ ہو گئیں۔ پُرسا دیتے ہوے پڑوسی اور سب برادری والے بڑے فکرمند اور نیک دکھائی دینے لگے اور پرسا لیتے ہوے دروغا بشیر ایسا مظلوم اور ستایا ہوا بن گیا جیسے موت اسی کو ستانے کے لیے ایجاد کی گئی ہے۔ اس کا قد اَور بھی تین انچ گھٹ گیا اور آواز میں پھر سیندور بیٹھ گیا۔
پُرسے کا سلسلہ ختم ہوا تو مینا دروغے نے کھنکھار کر گلا صاف کیا اور ددّی والی لڑکیوں کے عمومی جتّھے کی طرف دیکھ کر کہا، "بھئی برادری کے لوگوں اور پڑوسیوں پنچوں نے میرے پہ ذمّہ واری ڈالی تھی تجوری کی چابی کی، تو میں نے یہ بول دیا تھا کہ اصل تو دروغا بشیر نے ہی سب دیکھنا بھالنا ہے۔۔ تو جی میں نے اُدھر تار دلوایا دیا تھا بشیر بھائی کو اور وختی طور پر۔۔ سمجھو جب ہی تک اصل وارث نہیں آوے۔۔ یہ چابی اپنے پاس رکھ چھوڑی تھی۔ اگر نہیں رکھتا تو دس طرحے کے جھگڑے ٹنٹے ہوتے۔ اِدھر ددّی جی کے پاس امانتیں بھی رکھی ہیں۔۔ اَور بھی سب کچھ ہے۔ اس لیے بھیّا! چابی سمبال کے میں جو اِدھر سے گیا تھا تو فلیٹ کی طرف اب آیا ہوں۔ میں نے اپنے کو بولا تھا کہ مینے باشّا، بہتری تیری اسی میں ہے کہ ابھی جب تک ددّی کا اصل وارث نہیں آ جاوے تُو فلیٹ کی سیڑھی مت چڑھنا، کس لیے کہ تیرے پاس تجوری کی چابی ہے۔ کدھر سے کوئی الزام بہتان نہیں بن جاوے۔۔ تو اب سب برادری والوں، پڑوسیوں کی ساکشی میں۔۔ بھیا! یہ لو۔۔ میں نے ذمہ واری اپنی پوری کر دی۔۔ لو بھئی سمبالو ددّی جی کی چابی۔"
مینا نے بشیرے کی طرف چابی بڑھائی۔ اُس نے چابی کو ہاتھ نہ لگایا۔ وہ آنکھیں پَٹپَٹانے لگا، مانو اب رونے ہی والا ہے۔ مینا دروغے نے شانے پہ اس کے ہاتھ رکھ دیا۔ بولا "یہ سَمَج لے بشیر چودھری کہ دنیا کا دستور یہی ہے۔ اب یہ پگ تیرے سر پہ آئی ہے۔"
فلیٹ والیوں کے ہجوم میں کھڑی جمیلہ نے سب کی طرف دیکھا، جھک کے روزی کے کان میں کہا، "ددّی جی پگ تو نہیں باندھتی تھی!"
روزی نے اسے سرگوشی میں جھڑکا، "بکواس نہیں کر۔"
اس وقت تک بشیر دروغا سب کے بےحد اصرار پر ددّی جی کی چابی سنبھال چکا تھا۔ تقریر کی باری اب اُس کی تھی۔ مگر وہ دیکھ رہا تھا کہ حمام کا پروپرائٹر نواز دین بےچین ہے، جانا چاہتا ہے۔ اس نے سوچا نواز دین کو فارغ کر دوں۔ بولا "بھائی نواز دین! آپ نے بڑی شفکت، بڑی بھائی بندی وَخائی جو آپ آ گئے۔"
"بھائی بندی" کے لفظ پر نواز دین کا منھ بن گیا۔ وہ خدا سے چاہتا تھا کہ کسی اَور بازار میں ٹھیک سی جگہ مل جائے تو وہ اس کنجر پاڑے سے دکان سمیٹ کے بس چلا جائے۔ مگر خیر، کیوں کہ بھائی کہتے ہوے دروغے کی نیت نیک تھی اس لیے اس نے خود کو تسلّی دی اور نیم قد اُٹھ کے ہاتھ بڑھا دیے۔ "اب اجازت دو دروغا! دکان پر گاہک چھوڑ کے آیا ہوں۔"
کشمیری ہوٹل والے نے بھی ہاتھ بڑھا دیے۔ "میں بھی چلوں گا دروغے جی!"
"بسم الله۔۔ خیر ہووے۔" کشمیری ہوٹل والا اور نواز دین چلے گئے تو لڑکے نے ان کے پیچھے فلیٹ کا دروازہ بند کر دیا۔ اب صرف برادری کے عورت مرد رہ گئے تھے، سو بشیر نے آواز کو حلق میں ہی گھونٹ کے اس میں آنسوؤں کی ملاوٹ کی اور روتے ہوے سُروں میں کہا کہ ربّ جانتا ہے آپاں جی کی چابیاں سنبھالنے کا میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔ "میں تو سمجھتا تھا کہ میری چابیاں۔۔ مطلب میری خبر سنیں گی آپاں جی کہ لئو بئی بشیر گجر گیا۔۔ خیر، تار بھیجا تھا بھائی مینا دروغے نے، میں چل پڑا۔ برادری کا حکم تھا، کیسے نئیں آتا۔ ربّ جانتا ہے مجھے نئیں پتا ادھر کرایہ بجلی پانی گیس۔۔ اس میں مجھے پورا بھی پڑے گا یا ان مَصُوموں کے ساتھ، جنھانوں ریل چڑھا کے لایا ہوں، بھُکّ مرنا پئے گا۔ تو جو برادری کا حکم۔ پر ایک بات ابھی صاف کر دوں مَیں۔ سارے ای بھائی بند بیٹھے ہیں۔۔ بشیر بھوکوں مر جائے گا پر جو کچھ آپاں جی نے ادھر میل جول، گھر گرھستی،پیسا کوڑی بنایا ہے اس میں ایک ٹیڈی پیسے کا حق نئیں مانگے گا بشیر۔ یہ پکّی بات ہے۔"
جمیلہ نے کسی کو مخاطب کیے بغیر آہستہ سے خود سے کہا، "کیا بات ہے! یہ دروغا نہیں درویش ہے، او ہو ہو ہو۔"
دروغے کی تقریر جاری تھی۔ وہ کہہ رہا تھا:
"تھوڑا بہت جمع پونجی جو بھی ہے وہ ساتھ لے آیا ہوں۔ کس لیے کہ واپس نئیں جانا۔ اب تو اسی ٹھکانے پہ بچیوں کے لیے کام تلاش کرنا ہے۔ اور بچیاں ددّی جی کی یہ نئیں نہ سمجھیں کہ ہم ان کی روزی روٹی میں رب نہ کرے کوئی کھنڈت ڈالیں گے۔ ناں ناں بئی ناں۔ بشیر دروغے نے اپنی شَگِردوں کو سکھلایا ہے کہ پتّر دوجے لوک کے روٹی رِزَک پہ نجر نئیں ڈالنی۔ سب کو اپنی پِشانی کا لکھا کمانے کھانے دو۔ جو جس کا اسی کو مبارک۔۔ جنا کچھ کام، جو کلا بشیر نے اپنی بچیوں کو سکھلائی ہے ان کے لیے وہ ہی بس ہے۔۔ مالک کے کرم سے۔"
بشیر دروغے کی تقریر کا جو اثر برادری پہ پڑا ہو وہ برادری جانے، ددّی کی اکثر "بچّیوں" نے اطمینان کا سانس لیا کہ دیکھنے میں تایا بشیر بھلے ہی ایسا درشنی نہ ہو پر ورتاوے میں ٹھیک ٹھاک لگتا ہے۔ ایسی کھری باتیں وہی کرتا ہے جس کے دل میں کھوٹ نہ ہو، اندر جس کے کوئی گھات لگائے نہ بیٹھا ہو۔ ددّی جی نے ان کا جو کچھ جمع جڑا سنبھال رکھا تھا یہ بھلامانس نیک نیتی سے دے چھوڑے گا۔۔ مسئلہ ہی کوئی نہیں۔ کچھ لڑکیوں نے تو اسی وقت فیصلہ کر لیا کہ تائے بشیر کی شاگردوں کو یہاں پاؤں جمانے میں مدد دیں گی۔ یہ بھلا آدمی اپنا ٹھیا ٹھکانا چھوڑ کے اِدھر آیا ہے، صرف ہماری خاطر۔ ہم ایسے بھی گئے گزرے نہیں کہ اس کی شاگردوں کی تھوڑی بہت مدد بھی نہ کریں۔
اپنی تقریر ادھوری چھوڑ کے بشیر دروغا اب آپاں جی کی اور اپنی محبتوں کا کوئی قصہ سنا رہا تھا کہ آپاں جی اینج خیال رکھتی تھیں، اینج کرتی تھیں، کہ اُس نے دیکھا لڑکیاں پہلو بدلنے لگی ہیں اور مہمانوں میں سے کوئی کوئی جماہیاں لیتا ہے۔ تو اس نے قصّے لپیٹ لیے اور بولا، "میں اپنے حواسوں میں نئیں آں۔۔ ابھی ایک عرض برادری سے کرنا ہے کہ بئی دس منٹی کو ہور رک جاوو۔ میں تجوری کھول کے جس کسی کا جو وی ہے برادری کے سامنے حوالے کر دینا چاہنا۔" اس نے لڑکیوں سے پوچھا، "ہَیں نی بچّیو! یہ چابی تجوری کی ہے؟۔ ۔ ہاں بھلا؟"
دو تین زنانی آوازوں نے جواب دیا، "ہاں جی۔۔ تجوری کی ہے۔"
"تو فیر آئیے۔۔ یہ کام بھی نمڑ جاوے۔۔ بی بی ناجو! نیلم بائی!۔۔ توں ممّند ریاض! مینا دروغے!۔۔ آؤ جی۔۔ چلو۔۔ آ بیٹی بالو، نگی نا، چمپا بیٹے۔۔ لِکل آؤ ادھر۔"
بشیر دروغا اُٹھا تو مینے دروغا نے بھی تکیہ چھوڑ دیا۔ مجرے والے ہال سے پوری برادری پنچایت کرتی ددّی بائی کے کمرے میں آ گئی۔
بشیر دروغا، عطر میں بسا، نہایا دھویا، کالا پہاڑ سا، تجوری کے قریب پہنچا۔ اس نے دیکھا کہ برادری کے اہم لوگ کمرے میں آ گئے ہیں تو اونچی آواز میں بسم الله کہہ کے اس نے چابی لگائی اور بڑی عقیدت سے، جیسے اپنی بخشش نجات کا کوئی فریضہ انجام دے رہا ہو، چابی گھمائی۔ پھر زور لگا کے تجوری کا ہینڈل گرایا اور لوہے کا بھاری پٹ کھول دیا۔
جیسی سب تجوریاں ہوتی ہیں اندر سے یہ تجوری بھی ویسی ہی تھی، غیر اہم سی۔ کیوں کہ اصل میں تو تجوری کا ڈراما اس کے باہر ہوتا ہے۔ اندر تو کاغذات یا اُجلے میلے نوٹوں کی گڈیاں، کپڑے میں لپیٹے گئے زیورات، ان کے نئے پرانے ڈبّے یا ایک آدھ کوئی فضول چیز پڑی ہوتی ہے جس کی مارکیٹ ویلیو صفر ہو __ مثلاً کسی پیارے کے سر سے اتاری ہوئی بالوں کی لٹ، صندل کی ڈبیا میں رکھی کسی بہت عزیز، بہت پیاری جگہ کی مٹّی۔۔
اس تجوری میں بھی ایسا ہی کچھ رکھا تھا۔ یہ ناٹک نو ٹنکی میں استعمال ہونے والا گتے اور پنّی اور گوٹے کے ٹکڑوں سے بنا ملکہ کا تاج تھا، جو عام بازار میں ایک آنے کا بھی نہ بِکتا۔
بشیر دروغے نے تاج شاہی کو تجوری سے نکال ددّی کے بستر پہ رکھ دیا۔ تاج کے نیچے پوسٹر تھے، لال پیلے نیلے رنگوں میں چھپے ہوے۔ کسی پرانی گراموفون کمپنی کا نشان تھا جس پر کالے دھبّوں والا سفید ڈَبّ کھڑبّا کتّا بھونپو میں منھ دیے بیٹھا بڑے سکون سے کچھ سن رہا تھا۔
تجوری کے اندر کے خانے سے ایک تھیلی نکلی جس میں سکّے بجتے تھے۔ کمرے کے لوگوں میں سنسنی دوڑ گئی، ہو نہ ہو اشرفیوں کی تھیلی ہے۔ تھیلی کو بستر پر الٹا گیا تو کھلا کہ جگہ جگہ کے تانبے اور چاندی کے سکے تھے، چاندی کے کم، تانبے کے زیادہ۔
تھیلی کے ساتھ کاغذوں میں لپٹے کچھ نوٹ ملے۔ تائے نے کاغذ الگ کیا تو دس دس کے نوٹوں کی ایک گڈی تھی، ایک سو سو کے نوٹوں کی۔ بہت ہوے تو پندرہ نوٹ ہوں گے یا بیس۔ موٹے کپڑے کی ایک اور تھیلی بھی ملی جس میں چاندی کی پرانی جھانجریں، دیہاتی قسم کے بازو بند، پازیب اور بچھوے بھرے تھے __ چاندی کے۔
اس کے سوا ددّی کی تجوری میں کچھ نہیں تھا۔
بشیر دروغے نے تجوری کے سب خانے، پھاٹک، ڈھکّن، پٹ سب بھاٹم بھاٹ کھول دیے تھے۔ پھر اپنا اطمینان کرنے اور کمرے کے عورتوں مردوں کی تسلّی کے لیے اس نے اپنا کالا ہاتھ تجوری میں ہر طرف پھرایا۔ اندر جھانکتے ہوے اس نے اپنی موٹی سیاہ گردن اتنی جھکا دی کہ گردن کے پیچھے گوشت کے دو چھوٹے ٹائر سے بن گئے۔
تجوری میں نظریں اور ہاتھ پھرانے سے فارغ ہو کے بشیر دروغے نے نوشیرواں عادل کے سے انصاف اور کلبی کی سی بے نیازی سے دنیا کا سامنا کیا۔ سب کو اپنا تاریک چہرہ دکھاتے ہوے بولا، "لئو بئی یہ پیسے، زیور ہے سب۔ جس جس کا جِنّا ہے بتا دو تے چُک لئو۔۔ ہاں۔۔ اُٹھا لو۔"
دروغے کی بھدّی آواز کمرے میں موجود ہر مرد، ہر عورت نے سن لی، مگر اس آواز میں جو کچھ کہا گیا تھا لڑکیوں میں سے کسی کی سمجھ میں نہ آیا۔ نگی نا کے سوا وہ سبھی ذرا سا آگے جھک آئی تھیں تاکہ جو کچھ سننے، سمجھنے، دیکھنے سے رہ گیا ہے، وہ سن، سمجھ، دیکھ لیں۔ مگر دروغے بشیر نے پوری بات کہہ دی تھی۔ آگے سنّاٹا تھا۔
آخر دانہ چگتی چڑیا کی طرح آگے کو جھکی ہوئی بالو نے ضرورت سے زیادہ بلند آواز میں دروغے کو مخاطب کیا، حالاں کہ وہ اس کے قریب ہی کھڑی تھی۔ کہنے لگی، "تایا بشیر! آپ کیا کہہ رہے ہیں؟۔ ۔ بات سمَج نئیں آئی۔"
شاید بالو بھی دروغے کی لاڈلی جیسی ہو گی، اس نے بڑی شفقت سے کہا، "نِکی! میں یہ بولتا ہوں کہ بئی جس کا جنّا وی ہووے، چک لئو۔ ایک دوجے کو پتا تو ہے نا کہ کِنّا کس کا ہے۔ تو فیر لے لو۔ سمبالو اپنی اپنی چیزاں۔"
روزی ہجوم میں رستہ بناتی ہوئی دروغے بشیر تک پہنچ گئی تھی۔ اس کی آواز انتہائی تشویش میں دھیمی ہو گئی۔ "کون سی چیزیں؟ دروغا! ادھر کیا ہے؟ ادھر تو کوئی رقم، کوئی زیور نہیں دروغے جی! سمجھ نہیں آئی۔"
دروغے کو روزی کی بات سے بڑا اچنبھا ہوا۔ یہ روزی کاکی کو کیا ہو گیا ہے؟۔ ۔ کیا کہہ رئی ہے یہ میری بچی؟ اس نے بلند آواز میں کہا، "پتّر یہ رقم ہے، خبرے ڈیڑھ کہ دو ہزار سے زیادہ۔ پھر یہ بازو بند، پازیب، بچھوے، جھانجر۔۔ یہ سب ہے نا میری جان!"
روزی کو صبر کرنا مشکل ہو رہا تھا۔ چیخ کے بولی، "او یہ ہمارا نہیں ہے۔ اکیلے میرے ہی چار سیٹ ہیں۔۔ سونے کے۔۔ بھاری بھاری۔ اور دس باراں ہزار سے زیادہ کی رقم ہے میری۔ سب لکّھی ہے میرے پاس۔۔ کیا بات کرتے ہو دروغا!۔ ۔ سنا؟۔ ۔ یہ نہیں ہے ہمارا۔"
بشیر دروغے نے رسان سے ہاتھ اٹھا کر سب کو جیسے تسلّی دی۔ مگر وہ بولا تو اس کے لہجے میں قیامت خیز سردی تھی۔ "اَرام سے اَرام سے، اَرام سے بیٹا! تُوں کہتی ہے تیرا نئیں ہے، تو جس کا بھی ہے لے لو بئی۔ اور توں شور نئیں کر۔ کھپّ نئیں پا۔ دوسروں کو بھی سمجنے دے۔ اپنی بات ضرور سمجا۔۔ مگر اَرام سے۔"
روزی کے برابر رانی آ کھڑی ہوئی۔ دروغے کے چہرے کے آگے ہاتھ نچا کے اس نے چیختی آواز میں کہا، "او اَرام گیا تیل لینے، یہ ہُوا کیا ہے؟ ہمارا سامان کِدھر ہے اوئے؟۔ ۔ پیسے کہاں ہیں؟"
"پَے سے؟۔ ۔ سَمان؟" دروغا چیخا۔ "اوئے پے سے کا۔۔ سَمان کا میرے سے کیوں پوچھتی ہے؟"
خبر نہیں پانچ کہ چھ زنانی آوازوں نے قیامت کے تیہے میں سوال کیا، "تجھ سے نہیں تو کس سے پوچھیں؟"
بھینسے نے بارہ دھونکنیوں کی پھُنکار میں کہا، "ددّی سے پوچھ، ددّی سے!"
سب سناٹے میں رہ گئے۔ ممّند ریاض نے سوچا، "افسوس! بھین کے پیٹھ پِیشے ایہو جی بکواس؟"
چیختی ہوئی غوغائیاں ایسے چپ ہو گئی تھیں جیسے انھوں نے شاخ پر سرکتا ہوا سانپ دیکھ لیا ہو۔
ممّند ریاض نے چھوٹی سی نقلی ڈکار لی۔ "آللے!۔ ۔ لئوجی، تجوری خالی پئی ہے۔۔ تے ددّی وی ایدر کوئی نئیں۔ اوللے!۔ ۔ پر ددّی نے وی، الله یانتا ہے، ایہوئی ٹھےٹَر کرنا سی!" پھر اس نے کچھ کڑوے پن، کچھ ہم دردی میں سوچا، "ساری یِندَگی اِناں گشتیوں، نصیباں والیوں نے اپنی وہ کرا کرا کے پےہا کٹّھا کیتا سی۔ تے ہُن، لئوجی، تجوری خالی پئی ہے۔ بھاگاں والی، بِل کُل خالی۔ ۔ آال لے۔ ۔ ․․ اوول لے!"
پے درپے جعلی ڈکاریں سن کے، اس ہاہاکار میں بھی، سب اسے گھور کے دیکھنے لگے۔
٭٭٭

جانی میاں

یہ کہانی تین آدمی سنا رہے ہیں۔ ایک تو میں ہوں راوی، الگ تھلگ رہ کے قصّہ سنانے والا۔ میں کہانی میں چلتا پھرتا نظر نہیں آؤں گا۔ دوسرا زَوّار ہے۔ یہ سلطان بھائی کی گول پیٹھے والی دکان، گوالیار سائیکل مارٹ پر نوکر ہے۔ اُن کا اسسٹنٹ سمجھ لو۔ تیسرا جانی میاں کا چمچا وحید ہے۔ یہ ان کا رکھوالا ہے۔ اسے جاننے کے لیے جانی میاں کو سمجھنا ضروری ہے۔ جانی میاں رام پور کے زمیں دار ہیں۔ چالیس کے قریب ان کی عمر ہو گی، مگر ہاتھ پیر بے چارے کے قابو میں نہیں اور دماغ ایسا ہے جیسے چھوٹے بچے کا۔ وحید چمچے کے ساتھ وہ کئی برس سے گول پیٹھے آ رہے ہیں کیوں کہ یہیں کہیں آگے پیلا ہاؤس کے پاس یا فارس روڈ کی کسی بلڈنگ میں ریٹا بائی کا کوٹھا ہے۔ جانی میاں اس ریٹا بائی پہ عاشق ہیں۔ سال میں تین چار بار اپنی امّاں جانی سے سینکڑوں بلکہ شاید ہزاروں روپے لے کر بمبئی آتے ہیں اور ریٹا پہ نچھاور کر کے اپنے رکھوالے کا ہاتھ پکڑ گاڑی چڑھ جاتے ہیں۔ دوبارہ آنے کے لیے رامپور چلے جاتے ہیں۔ سلطان بھائی سے کہیں ان لوگوں کی جان پہچان ہو گئی تھی۔ اس لیے بمبئی میں یہ دکان، گوالیار سائیکل مارٹ، جانی میاں اور وحید چمچے کا پہلا اڈّا بنتی ہے۔

راوی:

تو ایک روز گول پیٹھے کے مین بازار میں، گوالیار سائیکل مارٹ کے آگے پھر ٹیکسی رکی اور دونوں ایک ایک تھیلا اٹھائے اتر پڑے۔ وحید نے ٹیکسی والے کو پیسے تھمائے اور جانی میاں کا ہاتھ پکڑ دکان کی طرف چلا۔ دکان کو پہچان کے جانی میاں کِلکاریاں مارنے لگے۔
نئے رم پر تانیں کستے ہوے ایک فضول سے لونڈے نے انھیں دیکھا اور ٹھٹّھا مار کے دوسرے فضول سے لونڈے سے کہا، "لے بے! پھر آ گئے دونوں۔"
دوسرے نے کام سے سر اٹھا کے دیکھا اور پیٹ پکڑ کے ہنسنا شروع کر دیا۔ "ابے شوقت! ابے او شوقت! ابے آ کے دیکھ۔۔ یہ سلطان بھائی کے رنڈی باز پھر آ گئے۔"
دکان منٹ بھر میں جیسے تلپٹ ہو گئی۔ اندر اسٹور سے اور برابر کی گلی سے تھڑے کے ساتھ قطار در قطار سجی کرائے کی چمچماتی سائیکلوں کے درمیان سے اٹھ اٹھ کے، اپنے کام روک کے، طرح طرح کے مددگار لڑکے اور مستری اور پنکچر جوڑنے والے، مسکراتے، دانت دکھا دکھا کے ہنستے ہوے، ٹھٹّھے لگاتے ہوے آئے اور انھیں گھیر کے کھڑے ہو گئے۔
ایک پرانا مستری بہت سے نئے ٹائروں کو دونوں بازوؤں میں پہنے برابر والی دکان سے نکلا۔ اس نے لڑکوں کو بھیڑ لگاتے دیکھ کے ڈانٹا، "چلو بے، کیا بھیڑ لگا رکھی ہے؟ کام کے ٹیم کائے کو اُدھم کر رہے ہو؟" پھر جب لڑکے منتشر ہوے تو پرانے مستری نے جانی میاں اور ان کے چمچے کو سائیکل مارٹ کے بیچوں بیچ اسٹولوں پر ٹکے، اپنے تھیلے گودوں میں رکھے چپ چاپ دیدے گھماتے دیکھا تو لڑکوں کے جوش و خروش کی اصل وجہ سمجھ کے اس کی جھونجھل ختم ہو گئی۔ وہ مسکرا دیا اور جانی میاں کی طرف دیکھ کے بولا، "اچھا! یہ آیا ہے۔ تو پھر آ گیا بے گھونچو؟۔ ۔ جبھی تو کہوں یہ لمڈے کائے کو بھیڑ لگائے کھڑے ہیں۔" پھر وہ خوش دلی سے ہنستا ہوا اسٹور میں چلا گیا۔
لڑکوں میں سے وہ جس نے سب سے پہلے انھیں دیکھا تھا اور دوسروں کو ان کے آنے کی خبر دی تھی، اٹھا اور مسکراتا ہوا پاس آ کھڑا ہوا۔ وہ بھی اصل توجہ جانی میاں کو دے رہا تھا۔ اس نے ان کی گود میں رکھے بیگ کا تسمہ پکڑ کے کھینچا، "ہئے ہَئے! آشِق جانی! کیا کیا لے آئے اپنے ماشوق کے لیے، ہمیں تو دِخاؤ۔"
جانی میاں نے بیگ اپنی طرف کھینچا اور چھوٹے بچے کی جھنجھلائی ہوئی چنچنی آواز میں کہا، "اَزے ے۔۔ نئیں کَزو و..." اُن کے چہرے پر ستائے جانے کی الجھن اور بےبسی تھی۔ وحید چمچے نے لڑکے کا ہاتھ تسمے سے ہٹا دیا اور کہا، "مت ستاؤ انھیں۔ میں سلطان بھائی سے شکایت کر دوں گا۔"
دھمکی کارگر ہوئی، پھر بھی لڑکے نے لوفرپن سے کہا، "چل بے۔۔ سلطان بھائی سے شکیت کرے گا۔ سالے بونگے! کہہ کے تو دیکھ۔ بھول گیا پچھلی دفے کا؟"
دوسرے لڑکے اور مستری پچھلی بار کا قصّہ یاد کر کے ہنسنے لگے۔
زوّار جو ہمیشہ کا بھلامانس تھا اور ہنس نہیں رہا تھا، سب کو گھور کے دیکھنے لگا۔ وحید چمچے نے اسی سے پوچھا، "کاں گئے ہیں سلطان بھائی؟ کچھ پتا ہے؟"
زوّار سنجیدگی سے بولا، "بلٹی چھڑانے گئے ہیں۔ دیر سے آئیں گے۔"
"کتنی دیر سے؟"
دوسرے سب کام میں مصروف ہو چکے تھے۔ زوّار مستری نے کنکھیوں سے قریب کے لڑکوں کو پڑتالا، انھیں متوجہ نہ پا کر دھیرے سے بولا، "دیر لگ جائے گی۔۔ کھانا کھا لیا تم لوگ نے؟"
جانی میاں جو بڑی توجہ سے زوّار کی باتیں سن رہے تھے اور اس کی صورت تکے جا رہے تھے، کند ذہنی سے مسکرائے اور اونچی آواز میں خوش ہو کے بولے، "نہیں کھایا کھانا۔ ۔ بوہوت بھُونک لگ زَئی ہے۔"
زوّار نے ہاتھ کا کام چھوڑ دیا۔ اٹھا اور اپنی پتلون کی ِسیٹ پہ دونوں ہاتھ صاف کیے۔ اسی طرح سنجیدگی سے بولا، "جوزف کے اسٹال پر چلو تم دونوں۔ میں اُدھر ہی آتا ہوں۔"
جانی میاں نے حلق سے خوشی کی آواز نکالی اور بیگ فرش پر رکھ کے اٹھ کھڑے ہوے، ڈگمگاتے ہوے چلے دکان کے باہر۔ زوّار جو اب پھر اسی پتلون پر ہاتھوں کا گریز صاف کر رہا تھا، آہستہ سے کہنے لگا، "تھیلا چھوڑ کے مت جاؤ۔۔ واپس آؤ گے تو اس میں کچھ نہیں ملے گا۔"
وحید چمچے نے جانی میاں کا بیگ بھی اٹھا لیا۔ دونوں سائیکل مارٹ سے نکل کر جوزف کے اسٹال کی طرف چل پڑے۔ جانی میاں وحید کی بانہہ پکڑے ناہموار قدموں سے جا رہے تھے، زوّار دھیرے دھیرے چلتا ہوا ان سے پہلے پہنچ گیا۔
جوزف کا اسٹال سڑک کے کنارے ریل کی پرانی پٹریوں پر ٹکا ہوا لکڑی کی کیبن میں تھا۔ کیبن میں ایک آدمی کے کھڑے ہونے کی جگہ تھی اور وہ ایک آدمی اندر موجود تھا۔ اس نے سب سودا سلف تین رخوں پہ لگے تختوں پر سجا رکھا تھا۔ کیبن میں دو سمووار اور بسکٹوں، پیسٹریوں، کریم رولوں سے بھرا، شیشے لگا نعمت خانہ تھا۔ دس بارہ آدمی چینی کی موٹی اُتھلی پیالیوں میں خوب گہری چائے پی رہے تھے۔ جانی میاں کو دیکھ کے اندر کھڑا آدمی "ویل ویل" کہہ کے ہنسا۔ اس کے سامنے کے دونوں نکیلے دانتوں پر سونے کا خول چڑھا تھا۔ کسی بھی طرح سے توہین نہ کرتے ہوے وہ جانی میاں کو "ڈیم بلاڈی" کر کر کے خوش آمدید کہہ رہا تھا۔ وحید یا زوّار کو دیکھے بغیر وہ جانی میاں میں مصروف ہو گیا۔ "کم آن جونی! پرنس رَیمپوری! سالا اتنا دن کِدر ریا تم؟ آشکی کرنے اپنا گریٹا گاربو کے پاس کائیکو نہیں آیا؟"
جانی میاں پھول کی طرح کِھل اٹھے۔ "جوسف بھائی! بوہوت بھُونک لگ زئی ہے۔"
جوزف ٹھٹّھا مار کے بولا، "آئی نو، آئی نو۔۔ او کے، سالا جونی پرنس! میں تیرے کو اَبی مَسکا پاؤں دیتا ہے۔ صبَر کرو۔"
جانی میاں نے تالیاں بجاتے ہوے وحید اور زوّار کو باری باری مشورہ دیا، "صبَز کرو۔ ۔ صبَز کرو۔" پھر وہ ندیدے پن سے جوزف کے دوسرے گاہکوں کو بسکٹ پیسٹری کھاتے چاے پیتے دیکھنے لگے۔
جوزف نے بَن برابر چھوٹی ڈبل روٹیوں پر اپنی چوڑی پترے جیسی چھُری سے نمکین پیلے مکھن کی ایک ٹکیہ لگائی۔ بمبئی کی زباں میں یہ مسکا پاؤں تھا جسے اس نے دو نصف دائروں میں کاٹ کے ایک ایک پیسٹری کے ساتھ تام چینی کی پلیٹوں میں رکھ کے ان دو کی طرف سرکا دیا اور مشینی انداز میں کہا، "دو فل مسکا پاؤں، دو پیسٹری، دو ڈبل چائے، پاؤلی کم دو روپیہ۔ ۔ " یعنی ایک روپے بارہ آنے۔ وحید نے پیسے نکالنے کو جیب میں ہاتھ ڈالا تو زوّار بولا، "رک جاؤ، رہنے دو۔ پیسے میں دوں گا۔"
جانی میاں نے اپنا مسکا پاؤں منھ کی طرف بڑھایا اور زوّار کی باتیں سن کے رک گئے۔ طوطے کی طرح اس کی بات دہرانے لگے، "زُک جاؤ، زَینے دو، پیسے میں دوں گا۔ ۔ زُک جاؤ، زَینے دو، پیسے۔ ۔ زُک جاؤ زَینے دو..." پھر جب وحید نے ان کا کندھا تھپک دیا تو مسکا پاؤں منھ میں ٹھونس کے انھوں نے بے ترتیبی سے منھ چلانا شروع کر دیا۔
ناشتہ کر کے دونوں سائیکل مارٹ میں واپس آ گئے۔ زیادہ تر مستری اور لڑکے اِدھر اُدھر بیٹھے کھا پی رہے تھے۔ دونوں پھر درمیان میں پڑے اسٹولوں پر جا ٹکے اور گودوں میں بیگ رکھ کے ہونّقوں کی طرح ان مسکراتے ہوے لڑکوں مستریوں کو دیکھنے لگے۔ لڑکے خاموشی سے آپس میں اشارے کر رہے تھے اور بے آواز ہنس رہے تھے۔ کچھ ہی دیر بعد اُن کی خاموشی کی وجہ سمجھ میں آ گئی۔ سلطان بھائی آ گئے تھے۔ وہ اسٹور میں تھے۔ باہر آئے تو ان دونوں کو دکان میں دیکھ کے بولے، "ارے شہزادے! کب آئے؟"
جانی میاں سلطان بھائی کو دیکھ، کِلکاری مار کے بولے، "ہووں اوں !۔۔ ابھی آئے۔ ۔ بوہوت بھُونک لگ زئی تھی۔ جوسف بھائی نے پیسٹی خِلائی چا پلائی۔"
سلطان بھائی جانی میاں کی طرف لاڈ سے دیکھ رہے تھے۔ دھیرے سے بولے، "اچھا؟ وا وا!" وحید سے پوچھنے لگے، "سیدھے اسٹیشن سے آ رہے ہو؟"
وحید چمچے نے کہا، "ہاں۔"
"گھر کیوں نہیں چلے گئے؟ کھانا کھا کے شام تک وہیں لیٹتے بیٹھتے۔"
جانی میاں بول پڑے، "گھر نہیں گئے۔ بوہوت بھُونک لگ زئی تھی۔ پیسٹی کھائی چا پی۔"
سلطان بھائی پیار سے بولے، "ہاں؟ اور کچھ کھاؤ گے؟"
"ہاں آں..." جانی نے حلق سے خوشی کی کوئی آواز نکالی جس سے سامنے کام کرتا بیٹھا ایک لڑکا جو دیر سے ہنسی روکنے کی کوشش کر رہا تھا "پھَپ پھُو!" کر کے ہنسی میں پھٹ پڑا۔
سلطان بھائی کے چہرے کی نرمی پلک جھپکتے میں غائب ہو گئی۔ انھوں نے ہاتھ میں اٹھایا ہوا اسکرو ڈرائیور کھینچ کے لڑکے کو مارا تو ٹھک کی آواز کے ساتھ اس کا ہینڈل لڑکے کے گھٹنے پر لگا۔ لڑکا چیخا۔ سلطان بھائی نے اسے بہت بھاری گالی دی۔ لڑکا بسورتا، لنگڑاتا ہوا دکان سے باہر چلا گیا۔
جانی میاں لڑکے کی چیخ اور گالی سن کے خود بسورنے لگے تھے۔ وحید نے تسلّی دیتے ہوے اُن کے شانے پہ ہاتھ رکھ دیا۔ جانی میاں ٹھیک ہو گئے۔
سلطان بھائی چور سے بن گئے۔ اُن کا موڈ بگڑا ہوا دیکھ کے سب مستری مددگار اپنا اپنا کام سنبھال دکان سے نکل گئے۔ کچھ کرائے والی سائیکلوں کے پاس جا کھڑے ہوے اور بلا ضرورت کپڑا مارنے لگے۔ کچھ نے بیڑی سلگائی۔ لنچ کا وقت ابھی ختم نہیں ہوا تھا۔
سلطان بھائی نے جیب سے چابیوں کا گچھا نکالا، تجوری کھولی، پانچ پانچ روپے کے نوٹ نکال کے چمچے کی طرف بڑھا دیے۔ "لو وحید! جانی میاں کو گھر لے جاؤ۔ ٹیکسی پکڑ لینا۔ رستے میں کریم سورتی کے ہوٹل سے چکن رَوس لے لینا۔ بولنا سلاد بھی دے۔ دہی بھی لیتے جانا۔"
وحید پیسے نہیں لے رہا تھا۔ بولا، "ہیں میرے پاس۔ جانی میاں کی والدہ نے بارہ سو روپے دیے ہیں اِس دفعے۔" بارہ سو اُس زمانے میں بہت بڑی رقم تھی۔
سلطان بھائی نے وحید کا کندھا تھپکا۔ "وہ سنبھال کے رکھو۔ جاؤ۔ ۔ انھیں ہاتھ پکڑ کے سڑک پار کرانا۔"
وحید نے کہا "اچھا" اور سلطان بھائی کے دیے ہوے پیسے جیب میں ڈال، جانی میاں کے پنجے میں پنجا پھنسا، دکان سے اتر گیا۔
٭٭

زوّار:

سلطان بھائی کو پورے علاقے میں ان کے نرم اور سخت مزاج کی وجہ سے اور کاروبار میں ایمان داری اور پیسے کی وجہ سے پسند کیا جاتا تھا۔ انھیں اس وجہ سے بھی پسند کیا جاتا تھا کہ وہ شراب، سگریٹ اور فارس روڈ کی عورتوں سے دور رہتے تھے۔ سلطان بھائی جمعرات کی جمعرات قوّالی سننے سوناپور کے قبرستان ضرور جاتے تھے اور وہ بھاری بھاری گالیاں دے کر مار دھاڑ کر کے اپنے سب مستریوں اور لڑکوں کو ٹائٹ رکھتے تھے۔ انھیں فارس روڈ اور اس سے نکلنے والی گلیوں کی طرف دیکھنے بھی نہیں دیتے تھے۔ کہتے تھے ان باتوں سے بیماریاں ہوں گی اور روزگار میں نحوست پھیلے گی۔ اور کہتے تھے، "روزی، بھیّا، سب سے بڑی چیز ہے۔" خلاف ورزی کرنے والے کو سلطان دو بار دھمکی دیتے تھے۔ تیسری بار کی رپورٹ پہ بید لے کے جم کے اس کی ٹھکائی کرتے اور حساب صاف کر کے سامان اس کا سڑک پہ پھنکوا دیتے، اور بس، ہاتھ جھاڑ لیتے۔
مگر یہ جانی میاں تو رامپور سے آتے ہی تھے گانا وانا سننے کو۔ وہ اور ان کا چمچا ریٹا بائی کے کوٹھے پہ ایک دو روز پڑے رہتے، پھر جانے سے پہلے سلطان بھائی کسی جمعرات کو سوناپور میں ان کے ساتھ قوّالی سنتے اور بامبے وی ٹی کے اسٹیشن پر لے جا کے رامپور کا ٹکٹ دلا دیتے اور انھیں گاڑی چڑھا دیتے۔
تین چار برس سے ایسا ہی چل رہا تھا۔
اس دفعے جو جانی میاں آئے تو سلطان بھائی کی چالی کے نئے فلیٹوں میں پانی کا کوئی مسئلہ تھا، اس لیے انھوں نے مجھے بھیجا کہ جاؤ کچھ کرو۔ میں نے ان کے نوکر اور فلیٹوں کے چوکیدار کو بالٹیاں دے کر برابر والی بلڈنگ میں بھیجا، پانی منگایا، کس لیے کہ شام کو جانی میاں نہائیں گے دھوئیں گے، گانا سننے جائیں گے۔ کھانے کے بعد سلطان بھائی نے پھر مجھے بھیجا کہ ٹیکسی لا دوں۔ ٹیکسی آ گئی تو جانی میاں کو سوار کراتے ہوے وحید کو سمجھانے لگے کہ رات میں جب بھی میاں گھر آنے کو کہیں ٹیکسی کر لینا۔ پیدل مت لانا۔ تمھیں پتا ہے، فارس روڈ کے فلاں نکڑ پر رات بھر ٹیکسی ملتی ہے۔ ٹیکسی والے کو چار آنے زیادہ دینا، وہ آگے بڑھ کے بلڈنگ کے چوکیدار کو اٹھا دے گا۔ جب تک تم لوگ گاڑی میں ہی بیٹھنا۔ اترنا مت۔ اور بھی پتا نہیں کیا کیا۔۔ حالاں کہ سلطان بھائی جانتے تھے کہ جانی میاں صبح سے پہلے ریٹا کا ٹھکانا نہیں چھوڑیں گے۔

٭ ٭ ٭

راوی:

ریٹا بائی والی بلڈنگ کے سامنے دونوں ٹیکسی سے اتر گئے۔ وحید چمچے نے ٹیکسی کو فارغ کر دیا۔ ان گلیوں میں سلاخوں والے شوکیس یا "پنجرے" نہیں تھے جو اس پاڑے کی پہچان ہیں۔ فلیٹوں پر ٹکی ہوئی بیسوائیں یہاں ذرا رکھ رکھاؤ سے کاروبار کرتی تھیں۔ پنجروں میں کھڑی مرغیوں، بطخوں کی طرح وہ خود کٹکٹاتی چیختی نہیں تھیں۔ ان کی جگہ اونچی آواز میں یہاں ریڈیو سیلون بجایا جاتا تھا۔ چابی والے گراموفون باجوں پر سجّو بائی بڑودکر، کالو قوّال میرٹھ والے اور کملا جھریا کے رکارڈ لگائے جاتے تھے۔ کہیں "روزنداری" سازندے اپنے سازوں کو ٹھونک بجا کے گاہکوں کو متوجہ کرتے اور اس طرح اپنی دہاڑی پکی کرتے تھے۔
ریٹابائی والی بلڈنگ کے نیچے پہنچے تو وحید نے سنا پہلے مالے کے فلیٹ میں گت بج رہی تھی۔ وہاں مُجرا شروع تھا۔ شاید شوشو ناچ رہی تھی۔ ریٹا بھی ناچ کے شائقین کے لیے روزنداری پر شوشو ہی کو بلواتی تھی۔ ناچنے کے نام پر وہ جو کچھ کرتی تھی اُس سے گاہکوں کی تسلّی ہو جاتی ہو گی، جبھی تو وہ ڈیڑھ دو سال سے ایمرجنسی ڈانسر کے طور پر کوٹھوں پہ بلوائی جاتی اور سارے سال مصروف رہتی تھی۔ کوٹھوں پر شوشو ڈانسر کی طرح روزنداری میوزی شیئن بھی بلائے جاتے تھے جو اپنا "کام بجا کے"، پیسے لے کے چلے جاتے تھے۔ یہ بڑے فتنہ انگیز، فقرے باز قسم کے لوگ ہوتے تھے۔ خود کو یہ مراثی یا میراثی کہتے تھے۔ ساز بجانا چاہے جانتے نہ ہوں، پھُلکا اُڑانا خوب جانتے تھے۔ ریٹا بائی کا کوٹھا ان سازندوں کے لیے جیسے گھر آنگن تھا۔ کہیں کام نہ ملتا تو ویسے ہی آ کے ریٹا کی بیٹھک میں پڑے سازوں کی سروسِنگ کر کے چلے جاتے۔
اگر ریٹا بائی یا کوئی مہمان آرٹسٹ گانے کا اشارہ دیتی تو یہ سازندے وائلن سارنگی کے تار ملا کے، طبلوں کے لنگر لنگوٹ کس کے، ہارمونیموں کی سانسیں سنوار کے اپنی اپنی جگہ سنبھال لیتے، ورنہ گاہکوں کے انتظار میں بیڑیاں پیتے، غیبت کرتے اور اُس وقت تک آپس میں چھیڑ چھاڑ کرتے رہتے کہ جب تک سیڑھیوں پہ تماش بینوں کے قدموں کی چاپ نہ سنائی دے۔ گاہک کے آتے ہی وہ سارنگیوں پر گز پھیرنے لگتے، طبلے کھڑکانا شروع کر دیتے اور دھونکنیاں دھونک دھونک کے ہارمونیموں کی چابیوں پر انگلیاں دوڑاتے جیسے بس ریٹا بائی کے اشارے کی دیر ہے۔
ریٹا بائی کی طرح یہ سازندے بھی سیڑھیاں چڑھ کے آنے والے نئے ملاقاتیوں کو پہلے تین چار منٹ میں جان لیتے تھے کہ کیا ہیں۔ گانے کی سمجھ رکھنے والا تو خیر یہاں کیا آتا ہو گا۔ زیادہ تر تو فلمی گانوں کے رسیا آتے تھے۔ سازندے فوراً سمجھ لیتے تھے کہ فلمی گانے چلیں گے، غزل سنی جائے گی، راگ راگنیوں کی فرمائش ہو گی یا کچھ نہیں چلے گا کیوں کہ یہ گاہک ایک دم اوپر کے مالے کا ہے۔ کچھ دیر یہاں جھک مار کے اوپر والے مالے کی سیڑھیاں چڑھ جائے گا اور وہاں جھک مارے گا۔
روزنداری سازندے بیٹھک میں ہوتے تو اپنی کوڈ زبان میں بات کرتے تھے۔ جیسے ہی کوئی نیا پنچھی بیٹھک میں داخل ہوتا یہ ایک دوسرے کو سگنل دے کے دھیمی آواز میں جیسے اس کا استقبال کرتے۔ اگر کوئی خوب پیے ہوے لڑکھڑاتا چلا آ رہا ہے تو ایک سازندہ دوسرے کو خبردار کرتا، "لے بے سنبھال! یہ تیرتا ہوا آ رہا ہے۔" دوسرا سر ہلاتے ہوے اتفاق کرتا کہ "ہاں بھئی اب تو وہی چلے گی کہ جالِم سراب ہے ابے جالم سراب ہے۔" غزلوں کی فرمائش کرنے والے ان کے کوڈ میں چپکو، جونک یا "صاحبےجَونک" کہلاتے تھے اور بہت پرانے گیتوں کے شائق "سروتا کہاں بھولیائے گروپ"۔ کبھی سازندوں کا اندازہ غلط بھی ہو جاتا تھا یعنی کوئی دیکھے سے غزل سننے والا لگتا مگر آتے ہی سروتا کہاں بھولیائے ٹائپ گانے کی فرمائش کر دیتا تو سازندے آپس میں بڑے خفیف ہوتے تھے۔ ان میں سے کوئی بھنّا کے سر کھجاتے ہوے پاس والے سے کہہ دیتا "دیکھا؟ سالے نے کیسا دایاں دِکھا کے بایاں مارا ہے۔" برابر والا آگہی میں سر ہلاتا، زمانے کا شکوہ کرتا کہ "ہاں بھائی! ایمان داری تو جیسے اُٹھتی جا رہی ہے۔۔ کوٹھوں سے۔"
جانی میاں اور وحید ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ریٹابائی کی بیٹھک میں داخل ہوے تو بِلُوچَن طَبلیے نے طبلے پہ ہاتھ مار کے نعرہ سر کیا، "جانی! آؤ میرے جانی!" اور بیٹھک سے آوازوں کی ایسی بھنبھناہٹ اٹھی جیسے ایک فائر پہ بھرے کھلیان سے سَو چڑیاں بھرّا مار کے اُٹھتی ہیں۔ پھر اس آواز پہ طبلے کی چال غالب آ گئی۔ بلوچن نے اپنی جوڑی پہ "تَتَت تھا، تَتَت تھا، تَتَت تھا، تری گتَت تھا" نکال کے جانی میاں کا استقبال بجایا۔
جانی میاں منھ کھول کے ہنسے اور خوشی سے اُمگ کے آواز دی، "ہے اے اے رِی تا!"
ریٹابائی پھولوں کے گہنے پہنے تکیے سے ٹکی بیٹھی چھوٹی سی ایک ڈبیا کے شیشے میں اپنے دانتوں کی مسّی چیک کر رہی تھی اور اس کوشش میں اپنے خوب صورت دہانے کو توڑ موڑ رہی تھی۔ اس نے بلوچن کا نعرہ سن کے شیشہ سامنے سے ہٹا کے دیکھا کہ جانی میاں اپنے چمرودھے جوتوں سمیت فرشی نشست پر چڑھے چلے آتے ہیں تو فی الحال اس نے درگزر کیا اور لوفر مردوں کی طرح سینے پہ ہاتھ مار کے بولی، "ہائے جانی! تُو آ گیا میرے ماشوک؟" پھر وہ اپنے سرو قد سے اٹھی اور پازیب بجاتی جانی میاں کی طرف چلی۔ بلوچن نے بجایا: نادِر دِھن نا، نادِر دِھن نا، نادِر دِھن نا۔ ریٹا نے قدم بدلا۔ ترِی کٹ دِھن نا۔ بلوچن اس چال کی سنگت میں تھا، اس نے سچی تال دی۔ ریٹا نے اسے دیکھ کے ایک بار تعریف میں سر خم کیا۔ بلوچن داد وصول کرتے ہوے جوڑی پہ ایک دم جھک گیا۔ ریٹا بڑھ گئی۔ اس کا شاہانہ خرام پست درجے کے اس تمام چھچھورے بازاری گرد و پیش میں یوں لگتا تھا جیسے بلبلے اُٹھاتی کیچڑ پہ زرِ خالص کی چھُوٹ پڑتی ہو۔
جانی میاں نے اپنی ریشمی کُرتے کی جیب میں ہاتھ ڈالا، اوبڑ کھابڑ پنجے میں دبوچے ہوے پانچ روپے والے چھ آٹھ نوٹ نکالے اور جب ریٹابائی تنُولکر کا شمشادقد میاں کے آگے سلام کو جھکا تو انھوں نے حلق سے بے انتہا مسرّت کی آوازیں نکالتے اور اپنے کرتے پہ تقریباً رال گراتے ہوے مٹّھی کو چار چھ بار ریٹا کے سر کے گرد گھمایا، پھر سارے نوٹ برابر میں بیٹھے جگن ہارمونیم والے کو پکڑا دیے۔
ریٹا نے کنکھیوں سے دیکھا اور "حرّام کے!" کہتے ہوے جگن ہارمونیم والے کے پنجے میں آئے مڑے تڑے نوٹوں پہ جھپٹّا مارا، پھر ہنستے اور جانی میاں کو آداب کرتے ہوے وہ سب اس نے اپنے بلاؤز کے گریبان میں ٹھونس لیے۔ جگن کے سوا تمام سازندوں اور پڑوس کی آئی ہوئی نائکہ نے مسرّت کا نعرہ بلند کیا۔ "ہے اے شاباس!"
بِلوچَن طبلیے نے سلامی بجائی۔ جانی میاں اس تال پر اپنے بےڈول سراپے کو گردش دیتے ہوے اٹھے ہی تھے کہ ریٹا نے شانوں پہ ہاتھ رکھ کے وزن ڈالتے ہوے انھیں بٹھا دیا۔ پھر اس نے برابر میں اُداس بیٹھے اپنے بوڑھے سارنگیے کی طرف ہاتھ بڑھایا۔ "دَدّا فےجُو! ایک اکنّی دینا۔" فےجو نے اسی اداسی سے اپنی قمیص کی جیب میں ہاتھ ڈالا، ریزگاری نکالی، ایک اکنّی منتخب کی اور ریٹا کو پکڑا دی۔
ریٹا جانی میاں پہ جھکی تو پھولوں میں گندھی اس کی چوٹی میاں کے چہرے سے آ لگی۔ انھوں نے بڑی پُر شور چھینک ماری اور نائکہ ہنس کے بولی، "ہے شاباس!"
ریٹا نے ہنستے ہنستے مانگے کی وہ اکنی میاں کے سر کے گرد تین بار گھمائی اور جگن ہارمونیم والے کی گود میں ڈال دی۔ جگن نے بُرا سا منھ بنا کے چٹکی سے وہ اکنّی اٹھائی، جیسے سکّہ نہ ہو مردہ کیڑا ہو، اور "آآآااا" کے ساتھ لَے کاری کرتے اور پیٹی کے "اُوپرلے" نوٹ پہ انگلی ٹکا کے، گایکوں کی طرح ہاتھ چلاتے ہوے اسے کھڑکی سے باہر اُچھال دیا۔
بوڑھی نائکہ نے ایک بار اَور "ہے شاباس!" کہا۔
جانی میاں تالی بجانے لگے۔ اب سیڑھیوں پہ لوگوں کے چڑھنے کی آہٹ سنائی دی۔ سب سنجیدہ ہو گئے۔ ریٹا کے اشارے پر جگن ہارمونیم والا اٹھا۔ اس نے اپنا بھدّا ہاتھ بڑھا کے جانی میاں کو بانہہ سے پکڑ کے اٹھانا چاہا۔ میاں نے احتجاج کی تیز آواز نکالی "نااائیں! نہیں کزو!" جگن نے مضبوط گرفت میں ان کی بانہہ کو جھٹکا دیا۔ ریٹا نے سمجھانے کی آواز میں مگر غصّے سے آنکھیں دکھا کے کہا، "جاؤ۔ اُدھر جا کے بیٹھو۔ چلو۔"
جانی میاں مان گئے۔ وحید چمچے نے جگن کے ہاتھ سے میاں کی بانہہ چھڑائی اور جہاں دیوار کے ساتھ بیٹھنے کو کہا گیا تھا میاں کو اُدھر لے چلا۔ وہ ابھی تک جوتے پہنے ہوے تھے۔ ریٹا نے کھردری، بے مروّت آواز میں وحید سے کہا، "جوتے اتار اس کے اور اسے سمجھا کے رکھ۔ بول کھاموش بیٹھنے کا ہے۔۔ میمان آ رئے ہیں۔"
جانی میاں نے ہاں میں سر ہلایا اور دھیرے سے ریٹا کی بات دہرائی، "میمان آ رئے ہیں۔ ۔ میمان آ رئے ہیں۔"
بیٹھک پہ تماش بین چڑھ آئے تھے۔ جگن نے ہارمونیم کھینچ کے گت بجانی شروع کر دی۔ بِلوچن طبلیا، جو کوئی طبلچی میراثی نہیں ذاتی کا دھوبی تھا اور اسی لیے بِلوچن (بلیچنگ پاؤڈر) کے نام سے مشہور تھا، ایک دم جوش و خروش سے سنگت کرنے لگا۔
کام کا وقت شروع ہو گیا تھا۔
ریٹا کا گانا شروع ہوا تو جانی میاں نے وہی سب کیا جو دوسرے تماش بین کر رہے تھے۔ وہ خوش ہو ہو کے تالی بجاتے، جب جی چاہتا جیب سے نوٹ نکال کے ریٹا بائی کو پیش کر دیتے۔ پھر وہ دیوار سے ٹیک لگا کے بیٹھے بیٹھے سو گئے تو کسی چھچھوری نوچی نے، جو انھیں پہلی بار دیکھ رہی تھی، کھونٹی پہ ٹنگی گوٹا لگی پشواز اُتار میاں پر ٹانگ دی۔ ان کا چھوٹا سا گھونگھٹ بھی نکال دیا۔ تماش بینوں میں سے ایک، جو نوچی کو برابر گھورے جا رہا تھا، زور سے قہقہہ مار کے ہنسا۔ وحید نے جانی میاں کے اوپر سے پشواز ہٹا لی۔ اُس وقت وہ نیند میں آسودہ بچے کی طرح مسکرائے تھے۔ یہ دیکھ کے باقی کے تین تماش بین بھی ہنس پڑے۔ ددّا فےجُو نے اداسی سے اور ریٹا نے خنجر آنکھوں سے بے ڈھب ٹھٹھول کرنے والی نوچی کو دیکھا۔ وہ سمجھ گئی کہ اس بےضابطگی پر بعد میں ریٹا اسے گالیاں سنائے گی۔ ہو سکتا ہے کہ دو ایک ہاتھ بھی جڑ دے۔
بارہ بجے تک __ جو تماش بینی کا سرکاری وقت تھا __ یہ آون جاون لگی رہی۔ بارہ کے بعد علاقے کے تھانے والوں نے کچھ دیر اَور صرف ایمرجنسی کیسوں کو کچھ لے لِوا کے کوٹھوں کی سیڑھیاں چڑھنے دیں۔ پھر یہ سلسلہ بھی ختم ہوا۔ ایک ایک دو دو کر کے کوٹھوں کی روشنیاں بجھنے لگیں۔ سازوں کی آوازیں ختم ہوئیں۔ اوپرلے مالے تک انتہائی ہنگامی ضرورت میں جانے والے بھی اکادکا رہ گئے۔ پھر پولیسیوں نے خواہ مخواہ منڈلانے والوں کو گالیاں دینا، بید مارنا اور سیٹیاں بجا بجا کے علاقے سے نکالنا شروع کر دیا۔ ایک بجے تک سب جا چکے تھے۔
ریٹا تنولکر نے سیڑھیوں پر جا کے قفل ڈال دیا۔ اس نے بیٹھک کے قالین پر لانڈری کی تازہ دھُلی چادر پھیلا دی۔ تب کہیں آبکاری محکمے کے انوسٹی گیٹنگ ایجنٹ کو، جس کا اصل نام آئی بی جھا تھا، اس نے اپنی سہ ماہی رپورٹ لکھانی شروع کی۔
وہ جو جانی میاں بنا ہوا تھا، اپنا سوانگ بھُلا کے گاؤ تکیے پہ سر رکھے بے آرامی میں بھی بے خبر سو گیا۔

٭ ٭ ٭

جانی میاں کا چمچا وحید:

آپ کو ابھی ابھی معلوم ہوا ہو گا کہ میرا نام آئی بی جھا ہے اور میں سرکاری آدمی ہوں۔
قصّہ یہ تھا کہ راجستھان اور سنٹرل انڈیا کی سرحدی بیلٹ پر بہت سی جگہ چوری چھپے افیم کی پیداوار شروع ہو گئی تھی۔ وہ سیدھی بمبئی لائی جاتی تھی، آگے پہنچانے کے لیے۔
یوپی کے طے شدہ اوپیم کلٹی ویشن کے بہترین علاقوں سے بھی کسی قسم کی اینٹری، اندراج کے بِنا چوری کی افیم ادھر بامبے آنے لگی تب سنٹرل گورنمنٹ کو فکر ہوئی۔ آبکاری پولیس کی ناکامی کے بعد معاملہ اوپر تک پہنچ گیا تو سنٹر سے مجھے انوسٹی گیٹنگ ایجنٹ مقرر کیا گیا۔
ریٹا تنولکر کو چار برس پہلے اوپر والوں نے بھرتی کیا تھا۔ بڑی ایفی شینٹ اور دلیر عورت تھی۔ ویسے مجھے اس کی بیگ گراؤنڈ نہیں معلوم۔ مجھ سے تو بس یہ کہا گیا تھا کہ اس اس طرح کر کے میں گول پیٹھا بمبئی کے علاقے میں سلطان بھائی کی دکان کو اپنا لانچنگ پیڈ بناؤں اور ہر تین چار مہینے پیچھے ریٹا سے رپورٹ لے لے کے اڈوائس کرتا رہوں۔
میں خود حیران ہوا تھا کہ جانی میاں کیریکٹر کا اور ایک پروفیشنل ایکٹر کو ہائر کرنے کا خیال سنٹرل گورنمنٹ کو آیا کیسے، مگر اُس وقت ایک گورا (آئر لینڈ والا) ہمارا باس تھا۔ سنا ہے آئرش لوگوں کو ڈراما اور ادکاری کا بڑا شوق ہوتا ہے۔
خیر، اس نو ٹنکی ٹائپ کام سے آخر آخر میں نے سمجھوتا کر لیا۔ پھر سلطان بھائی نے (جسے خبر نہیں اس پلان کی کتنی جانکاری تھی، یا بالکل نہیں تھی) بہت کوآپریٹ کیا اور میرا کام چل پڑا۔
اس دوران میں بہت سے لوگ پکڑے گئے۔ سمجھو تو ہم نے پورا نیٹ ورک افیون ٹریفک کا توڑ کے رکھ دیا۔
بمبئی کی یہ میری آخری وِزٹ تھی۔ مجھے تین مہینے کی رپورٹ لینا تھی کہ کتنے "گدھے" پکڑے گئے (اپنے سامان میں یا بدن پر چھپا کے افیم لے جانے والے گدھے کہلاتے ہیں)۔ تو کتنے گدھے، ریٹا اور سلطان بھائی اسٹریجی سے اس مدّت میں اریسٹ ہوے یہ رپورٹ لے کے مجھے بامبے کو گڈ بائی کہنا تھا۔
ایک رات اَور جانی میاں کو ریٹا بائی کے کوٹھے پہ گزارنی تھی۔ پھر اپنا تان طنبورہ لپیٹ کے ہمیں بمبئی چھوڑ دینی تھی۔ ان دوستوں، ریٹا، جوزف، سلطان بھائی اور زوّار سے یہ ہماری آخری ملاقات تھی۔
گوالیار سائیکل مارٹ سے سلطان بھائی کے گھر پہنچے تھے تو ہم نے ٹیلی فون گھمانے شروع کیے تھے۔ ریٹا بائی کو فون کیا تھا۔ سب سے پہلے تو اسے معلوم ہونا چاہیے کہ جانی میاں اور ان کا چمچا بمبئی آ گئے ہیں۔
ریٹا سو رہی تھی۔ اس کی گجراتی نوکرانی سے میں نے کہہ دیا کہ "اے سنو! بائی سو کے اٹھے تو اسے جرور جرور بول دینا کی بھولا بھائی جوہری کا پھون آیا تھا۔ بائی جرور جرور میرے کو دکان پر پھون کر لیوے۔"
نوجوانی میں اے آئی آر پہ یہ سب ڈرامے بہت کیے تھے میں نے، تو وہ چسکا تو تھا ہی۔ ریٹا کی نوکرانی کو بھولا بھائی جوہری کی طرف سے چھوٹے موٹے گفٹ، لونگ، چھلّا، لاکٹ ملتے رہتے تھے۔ وہ جوہری نام سن کے "ہا ہا بھائی!۔ ۔ ہے بھلا، ہے بھلا" کرتی رہی۔ ریٹا کے اٹھتے ہی پہلی خبر وہ یہی سنائے گی کہ بھولا بھائی کا پھون آیا تھا۔ یہ اس بات کا سگنل تھا کہ جانی میاں بمبئی آ گئے ہیں۔ آج رات میں کسی وقت ریٹا کی بیٹھک پہ پہنچ جائیں گے۔
پرسنلی میں اس عورت سے بڑا اِمپریس ہوا ہوں۔ کبھی وقت ملا تو اسے، ریٹا بائی تنولکر کو، اس کی لائف کو انویسٹی گیٹ ضرور کروں گا۔
کسی انوکھے سسٹم کے حساب سے ریٹا بائی ناکام ایکٹروں، جواریوں اور اسمگلروں کے گدھوں میں بہت پاپولر تھی۔ تماش بینوں کی یہ تین قسمیں سارے سال ریٹا کے فلیٹ کی سیڑھیاں چڑھتی اترتی رہتی تھیں۔ ناکام ایکٹروں والی بات سمجھ میں آتی تھی، کیوں کہ مشہور تھا کہ ریٹا خود اپنے وقت کی بڑی مشہور ناکام ایکٹریس تھی۔ فلموں میں چانس، شہرت اور بڑی بڑی رقموں کے خواب دیکھنے والے ایکٹروں کو کہیں سے پیسے ہاتھ آ جاتے تو وہ اس مشہور ناکام ایکٹریس ریٹا کے پاس ضرور آتے تھے۔ ایسے کیسوں کو یہ بہت مہارت سے ہینڈل کرتی تھی۔ ان سے کہتی تھی کہ خود اسے فلموں میں ناکام ہونا ہی تھا کیوں کہ اس میں وہ بات نہیں ہے جو کسی اٹھنے والی ایکٹریس یا ایکٹر میں ہونی چاہیے۔ ریٹا اس تماش بین ناکام ایکٹر میں وہ بات ڈھونڈ کے بتا دیتی کہ یہ دیکھو، تم کو تو جیتنا ہی جیتنا ہے، زیادہ دن مار نہیں کھا سکتے۔ پھر وہ ایکٹر ریٹا کی سیڑھیاں اتر کے نئے ولولے سے فلم اسٹوڈیو کے رستوں پر جوتیاں چٹخانے، خوار ہونے کو چل پڑتا اور بعد میں بھی بار بار آتا۔
جواریوں کے ساتھ ریٹا اپنا گڈ لک والا کھیل کھیلتی تھی۔ کہتی تھی میں اس پاڑے کی سب سے لکی لڑکی ہوں۔ پرسوں تمبولے میں سوا سو روپے جیتے۔ دو مہینے پہلے میرے نام پانچ ہزار کی لاٹری کھلی تھی۔ اس سے میں نے اندھیری میں ایک پلاٹ خرید لیا ہے۔ اب سنڈے کو ریس کھیلوں گی۔ دیکھنا جیتوں گی ضرور۔
اسمگلروں کے گدھوں کو ریٹا شک بھی نہیں ہونے دیتی تھی کہ وہ انھیں پہچان گئی ہے۔ انھیں وہ بمبئی کے بڑے شان دار دھندے بازوں، اسمگلروں کے کڑکی کے دنوں کا حال سناتی تھی۔ پھر ان کا مقابلہ اپنے اس فرضی ٹھیکےدار سے کرتی تھی جس نے اسے یہ فلیٹ خرید کے دیا تھا اور جو "حرّام کا جنا" ریٹا کی آمدنی کا اسّی پرسنٹ کھینچ کے لے جاتا ہے۔ "میں تو اِدھر کی اِدھر ہی ہوں۔ اُس نے دیکھو، ورلی میں پھر ایک بلڈنگ خرید لی ہے، میری کمائی سے۔" اسمگلر کے گدھے میں خود اُسی کے لیے رحم جگانے کے بعد ریٹا اسے اَور نہیں چھیڑتی تھی۔ وہ دوسرے تیسرے پھر آتا اور شراب کے نشے میں، یا ویسے ہی اپنے دل کی کڑواہٹ میں، بیچ کے بڑے آدمی کو، جس کا صرف نام گدھے نے سن رکھا ہوتا، خوب گالیاں دیتا۔ ریٹا بھی اپنے فرضی ٹھیکےدار کو گالیاں دیتی، کوستی اور اس طرح یہ بات پکّی ہو جاتی کہ یہ آدمی فلاں اسمگلر کا گدھا ہے۔ ذرا ٹائم دے کے پہلے بیچ کے بڑے آدمی کو، پھر گدھے کو پکّے ثبوت شہادتوں کے ساتھ اُٹھا لیا جاتا۔ اکثر تو گدھے کو شبہ بھی نہ ہوتا کہ جو دو چار سال کے لیے وہ اندر ہو گیا ہے تو یہ خود اس کی اپنی بک بک کی وجہ سے ہوا ہے۔
اس طرح بیچ کے آدمیوں اور گدھوں کی سپلائی قریب قریب بند ہو گئی ہے۔
اس کا کریڈٹ ریٹا_سائیکل مارٹ_جانی میاں پراجیکٹ کو جاتا تھا۔
خیر۔ ہم نے پراجیکٹ وائنڈ اَپ کیا۔ وہ ایکٹر جو جانی میاں کا رول کرتا رہا تھا، بامبے چھوڑتے ہوے ایک دم سینٹی مینٹل ہو گیا۔ کہنے لگا، "میں سلطان بھائی سے ملے بنا بمبئی نہیں چھوڑوں گا۔ وہ گریٹ آدمی ہے۔ اس کو تھینکس ضرور بولنے کا ہے۔" پھر بولا کہ جوزف اور زوّار کو بھی ملوں گا۔ میں نے سمجھایا بھی کہ مسٹر! چَیپٹر کلوز کرو۔ رات گئی بات گئی۔ مگر وہ سر ہو گیا کہ نہیں جھا صاحب! پلیز! فر گاڈز سیک۔ تو ہم نے سلطان بھائی کے گھر سے اپنے بیگ اٹھائے اور نارمل کپڑوں میں ہم گوالیار سائیکل مارٹ پہنچ گئے۔ ایکٹر نے رامپوری زمینداروں کے کُرتے واسکٹ کی بجائے سفید شرٹ اور سَرج کی کالی پینٹ پہنی ہوئی تھی، ٹائی بھی کھینچ لی تھی اس نے۔ میں نے بھی وحید چمچے کا کرتا پیجامہ لپیٹ کے بیگ میں ڈال دیا تھا۔ میں بش کوٹ پینٹ میں تھا۔
ہم ٹیکسی سے اترے تو جانی میاں کھیلنے والے ایکٹر کے ہاتھ میں دونوں بیگ تھے۔ اس نے جیب سے والٹ نکال کے ٹیکسی کا کرایہ دیا اور جمے ہوے قدموں سے سائیکل مارٹ کی سیڑھیاں چڑھ کے وہ میرے پیچھے آ کھڑا ہوا۔ تازہ شیو بنائے، کلون لگائے، وہ وہی نظر آ رہا تھا جو وہ تھا: پروفیشنل ایکٹر اور مزے کا آدمی۔
سلطان بھائی، زوّار اور دو لڑکے اس وقت دکان میں موجود تھے۔ وہ سبھی ایکٹر کو آنکھیں پھاڑے دیکھ رہے تھے۔
حیرت ان کی نیچرل تھی۔ وہ جانی میاں کے ہم شکل ایک دنیا دار کو دیکھ رہے تھے جو وکیل، ڈاکٹر، انجنیئر۔۔ کچھ بھی ہو سکتا تھا۔ لڑکھڑاتا، رال گراتا، کم زور دماغ بچے کی طرح ایک ہی بات دہراتا وہ قابلِ رحم مڈل ایجڈ آدمی کہیں نہیں تھا جسے اتنے برس سے وہ جانتے تھے۔
میں نے اور اُس نے __ جانی میاں نے __ ہاتھ بڑھا کے سلطان بھائی سے شیک ہینڈ کیا۔ ہم ہلکے سے ہنسے بھی۔
سلطان بھائی کی سمجھ میں ابھی تک کچھ نہیں آیا تھا۔ وہ ہکلا رہے تھے، "آپ؟ تم لوگ؟۔ ۔ مطلب تم وحید ہو نا؟ اور یہ۔۔ "
میں نے کہا "ہاں سلطان بھائی! میں وحید تھا۔۔ اب نہیں ہوں۔ آئی بی جھا میرا نام ہے۔ آئیے۔۔ اندر چلتے ہیں۔ یہاں لڑکے بھیڑ لگا رہے ہیں۔"
"نہیں ٹھیک ہے،" سلطان بھائی الجھ کے بولے، "بات سمجھاؤ مجھے۔"
میں سمجھ گیا۔ انھیں اوریجنل پلان کی جانکاری نہیں تھی۔
اس لیے ڈی ٹیل میں جائے بنا میں نے انھیں بتایا کہ ہم ریٹا کے ساتھ کس مشن پہ تھے۔ "اور سلطان بھائی، آپ نے نہ جانتے ہوے بھی اپنے دل کی نیکی میں ساتھ دیا ہے ہمارا۔ گورنمنٹ کا ہاتھ بٹایا ہے۔ یہ ایک طرح سے بہت بڑی پبلک سروس ہے آپ کی۔ سلطان بھائی! یو آر گریٹ۔"
وہ اسٹول پہ ٹک گئے۔ ایک ایک بار ہم دونوں کو دیکھا۔ مسکرائے۔ بولے، "تو تم گدھے پکڑنے آئے تھے؟
میں نے ہاں میں سر ہلایا۔ وہ بولے، "بھیّا! سب سے پہلا گدھا تو تم نے یہی پکڑا، سلطان بھائی؟"
وہ جو جانی میاں بنتا تھا، ہنسا۔ سلطان بھائی نے اس کی طرف دیکھا بھی نہیں۔ مجھے گھورتے رہے۔ میں نے سمجھانا شروع کیا کہ ریٹا کی جان کو خطرہ تھا اس لیے کہ وہ افیم والے لوگ بڑے پاورفل ہیں۔ وہ کوٹھوں پہ آتے جاتوں پر برابر نظر رکھے ہوے تھے۔ ہمارے باس کا اڈوائس یہ تھا کہ ایجنٹ کو ریٹا کے پاس بھیجو تو وہ چوری چھپے نہیں جائے۔ جلوس بنا کے گھسے، اُجاگر میں، کیوں کہ جلوس کا کوئی نوٹس نہیں لیتا۔ ہہہ ہاہا! جیسے ٹرائے شہر کے لوگ لکڑی کے جاسوسی گھوڑے کا جلوس باجے گاجے کے سنگ خود اپنے شہر میں لے گئے تھے۔۔ تو اس طرح۔۔ "
جو جانی میاں بنتا تھا برابر سلطان بھائی کو تکے جا رہا تھا۔ خیر نہیں اس نے کیا دیکھا کہ جو لایا تھا جلدی سے وہ گفٹ پیک اس نے بڑھا دیا۔ بولا، "سلطان بھائی! سر! یہ ہاتھی دانت کا گھوڑا لایا ہوں۔۔ اُن دنوں کی یاد میں کی جب۔۔ "
سلطان بھائی نے اس کے ہاتھ پہ ہاتھ مارا۔ پیکٹ گر گیا۔ وہ پھنسی ہوئی آواز میں بولے، "مادر کھودو! یہ گھوڑا اٹھاؤ اور دو منٹ میں گول پیٹھے سے نکل جاؤ۔ اور اگر دیری کی تو اُلٹ کے ہم یہ گھوڑا تمھاری پتلون میں ڈال دیں گے۔ چلوت۔۔ تمھاری!" اور یہ کہتے ہوے وہ اسٹور میں چلے گئے۔
ہم نے زوّار کی طرف دیکھا۔ اس نے سامنے پڑا پائپ پانا اُٹھا لیا تھا۔
ہم دونوں جلدی میں سائیکل مارٹ کی سیڑھیاں اتر گئے۔
پتا نہیں کیسے لوگ ہیں بمبئی کے!

٭ ٭ ٭

زوّار:

وہ دونوں دکان سے اتر گئے، نہیں تو ضرور کوئی رپھڑا بن جاتا۔ الله جانتا ہے سلطان بھائی تو پھر ٹائم لیتے، میرا دل یہ کرتا تھا کہ ان حرامی سرکاری آدمیوں پر پانا لے کے پل پڑوں۔
اُن سالوں کو کچھ پتا ہی نہیں۔۔ معلوم ہے سلطان بھائی اِشٹور میں گھسے تھے تو روتے ہوے گھسے تھے۔ آج تک، الله جانتا ہے، کسی نے انھیں ایسی پوجی شن میں نہیں دیکھا۔
میرے کو پچھلا سب پتا ہے۔
سلطان بھائی سے پانچ چھ برس چھوٹا ایک بھائی تھا، کم زور دماغ کا۔۔ جان محمد۔۔ سب جانو جانو کہتے تھے۔ یہی سلطان بھائی اس کو لیے لیے پھرتے تھے سب جگے۔ اپنے ہاتھ سے کھانا کھلاتے تھے۔ نو دس برس کا ہو کے وہ جان محمد مر گیا تو باپ کو، سوتیلی ماں کو چھوڑ چھاڑ یہ بمبئی آ گئے۔ پھر نہیں گئے۔ چوری چھپے یاد بھی کرتے تھے اُس جان محمد کو۔ جب سے یہ حرامی لوگ نے آنا جانا شروع کیا تھا، خوش رہنے لگے تھے سلطان بھائی۔
انھیں سرکاری آدمیوں کو تو کچھ پتا ہی نہیں ہے سالوں کو۔
اچھا ہے ٹائم سے نکل گئے، نہیں رپھڑا بن جاتا۔
٭٭٭

کھڑکی

میں نے پہلی بار اسے اپنے محلے کے ایک کلینک میں دیکھا تھا مجھے ڈاکٹر سے کسی قسم کا سرٹیفیکیٹ لینا تھا اور وہ انجکشن لگوانے آئی تھی۔ آئی کیا بلکہ لائی گئی تھی۔ ایک نوجوان جو شاید چچا یا ماموں ہوگا اسے گود میں اُٹھائے سمجھا رہا تھا کہ سوئی لگوانے میں زیادہ تکلیف تو نہیں ہوتی البتہ ٹافی کھانے کو ملتی ہے اور امی پر اور دوسرے لوگوں پر رعب الگ پڑتا ہے۔ بات یقیناً اس کی سمجھ میں آ رہی تھی۔ رعب شاید سمجھ میں نہ آ رہا ہوگا لیکن ٹافی کا سن کر ذرا حوصلہ مند دکھائی دی تھی پھر تھوڑی دیر بعد وہ فکر مند اور خوف زدہ ہو کر ادھر اُدھر دیکھنے لگتی تھی جدھر سے کمپاؤنڈر کو سوئی لے کر آنا تھا۔
چچا ماموں کی نشست ایسی تھی کہ وہ میری طرف پیٹھ کئے بیٹھا تھا اس کے پہلو اور بانہوں سے جیسے کھڑکی سی بن گئی تھی اور اس کھڑکی میں سے اس کا پورا چہرہ، اس کا ایک ایک تاثر مجھے صاف نظر آ رہا تھا۔ کھڑکی سے دیکھتے ہوئے ایک بار میری نظریں اس سے ملیں۔ اس وقت چچا ماموں اُسے سمجھا رہا تھا کہ تیرا بھائی جان تو انجکشن لگواتے ہوئے روتا ہے۔ ڈرتا ہے نا! اس لئے روتا ہے۔ تو بالکل نہیں ڈرتی، بڑی بہادر ہے۔
جس وقت چچے ماموں نے یہ بات کہی ٹھیک اس وقت منی بانہوں کی کھڑکی سے جھانک کر مجھے دیکھ رہی تھی۔ میں نے آہستہ سے سر ہلا دیا۔ اس بات سے اتفاق کیا۔ منی نے جب دیکھا کہ چچا ماموں کے علاوہ دوسرا کوئی اسے بہادر سمجھ رہا ہے تو وہ ہولے سے مسکرا دی۔ میں نے دیکھا کہ وہ اترا کر مسکرائی تھی۔ جیسے مجھے اپنی بہادری کے رعب میں لے رہی ہو۔ جتنی دیر میں کمپاؤنڈر آیا اتنی دیر میں منی اشاروں میں مجھے سمجھا چکی تھی کہ اصل میں وہ بڑی بہادر ہے۔ انجکشن ونجکشن سے بالکل نہیں ڈرتی۔
میں نے بھی بانہوں کی کھڑکی سے رازدارانہ دیکھتے ہوئے سر ہلا ہلا کر اس بات سے اتفاق کیا اور بتا دیا کہ میں پوری طرح اس کی بہادری کے رعب میں آگیا ہوں۔ منی نے اپنی نو دریافت دلیری کے غرور میں ذرا سر اٹھایا تھا کہ سامنے سوئی اُٹھائے کمپاؤنڈر آن کھڑا ہوا۔ بہادری اور خوف کی کسی درمیانی کیفیت میں اس نے ہلکی سی آواز نکالی اور گھبرا کر بانہوں کی کی کھڑکی کے پار شاید مدد کے کے لئے میری طرح دیکھا۔ اس وقت کمپاؤنڈر نے اس کے بازو پر اسپرٹ میں بھیگی روئی ملنا شروع کر دی تھی۔ منی متوقع تکلیف کے خیال سے منہ بسورنے لگی ٹھیک اس وقت جب کہ وہ آواز سے رو سکتی تھی میری نظریں اسکی نظریں پھر ملیں۔ میں نے نفی میں سر ہلاتے ہوئے دونوں ہاتھوں کی مٹّھیاں بنا کر ہمت والوں کی سی شکل بنائی اور مسکرا کر شاید آنکھوں کے کسی اشارے سے اسے یاد دلایا کہ وہ تو بڑی بہادر ہے۔
بحران کے اس لمحے میں بھی منی نے میری بات سمجھ لی۔ اس نے منہ بسورنا بند کر دیا اور آواز نکالے بغیر انجکشن لگوا لیا۔ میں نے اپنی شہادت کی انگلی اور انگوٹھا ملا کر تعریف کا اشارہ دیا۔ اور منی اپنے اس چچا یا ماموں کی گود میں چڑھی ہوئی کلینک سے چلی گئی۔
کمپاؤنڈر اور منی کا چچا یا ماموں حیران تھے مگر مجھ کوئی حیرت نہیں ہوئی تھی منی واقعی بہادر تھی۔
اس بات کو بہت دن ہو گئے۔ میں یہ واقعہ اور منی کا چہرہ کچھ کچھ بھول چلا تھا۔ باہر کڑواہٹ اور دکھ ہو تو میٹھے چہرے اور بھولی باتیں کب تک یاد رہ سکتی ہیں۔ میں خود ایک بحران سے گزر رہا تھا میرے والد دماغ کی رگ پھٹ جانے پر طویل بے ہوشی میں تھے۔ وہ ملک سے باہر تھے میں اپنے سفری کاغذات کی تیاری میں مصروف تھا۔ ساتھ ہی دن میں کئی کئی بار ان کے تیمار داروں سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کرنا چاہتا تھا تھا مگر مجھے ناکامی ہو رہی تھی۔ کاغذات بننے میں دیر تھی۔ نہ وہاں جا سکتا تھا نہ کسی سے بات کر سکتا تھا۔ عجیب بے بسی کا عالم تھا۔ تیسرے چوتھے دن عزیزوں کی طرف سے ایک تار آ جاتا تھا۔ حالت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی دعا کیجے۔ پھر آخری تار آیا کہ خدا مغفرت کرے وہ گزر گئے۔
میں بچپن کے ایک دوست کے ہمراہ تار گھر پہنچا اور جیسے ہوش و حواس سے عاری کوئی شخص ہوتا ہے بالکل اسی طرح بلند آواز میں لوگوں کو اپنے ذاتی نقصان کے بارے میں بتانے لگا پھر وہیں بیٹھے بیٹھے میں نے اپنے چھوٹوں کے نام ایک تار لکھا جس میں انہیں تسلّی دینے کے بجائے یہ لکھا کہ سفر کا ارادہ میں نے ترک کر دیا ہے کیونکہ اب کوئی فائدہ نہیں۔ جس کے لئے سفر کرتا وہی نہ رہے۔
میں یہ سب کچھ کر رہا تھا اور اس بات سے بے خبر تھا کہ تار گھر کی بنچ پر بیٹھے ہوئے ایک نوجوان کے شانے سے لگی کوئی بچی اچک اچک کر مجھے دیکھنے یا متوجہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لوگ سامنے سے ہٹے تو دیکھنے کے لئے ایک کھڑکی سی بن گئی۔ میں نے اس کھڑکی میں سے پہچان لیا۔ یہ منی تھی۔ منی مجھے دیکھ کر مسکرائی۔ اس کے چھوٹے سے ذہن نے اسے بتا دیا تھا کہ مجھے ضرور کوئی پریشانی ہے یا شاید میں ڈرا ہوا ہوں۔ اس لئے وہ مسکرائی اور اس نے ننھی ہتھیلیاں اپنی آنکھوں پر ملیں جیسے مجھے آنسو پونچھ لینے کی ترغیب دے رہی ہو پھر اس نے دونوں ہاتھوں کی مٹّھیاں بنا کر ہمت والوں کی سی شکل بنائی اور مسکرانے لگی۔ بالکل اسی طرح جیسے مہینوں پہلے میں اسے ہمت دلا کر مسکرایا تھا۔
میں نے دکھ بڑھانے والا وہ تار پھاڑ کر پھینک دیا اور نئے تار میں اپنے چھوٹوں کو لکھا کہ حوصلہ رکھو، میں آ رہا ہوں۔
٭٭٭

شہر کوفے کا ایک آدمی

ایک ایسے آدمی کا تصور کیجیئے جس نے کوفے سے امامؓ کو خط لکھا میرے ماں باپ آپ پر فدا ہوں آپ دارالحکومت میں تشریف لایئے حق کا ساتھ دینے والے آپ کے ساتھ ہیں۔ وہ آدمی اپنے وجود کی پوری سچائی کے ساتھ اس بات پر ایمان بھی رکھتا ہو ، لیکن خط لکھنے کے بعد وہ گھر جا کر سو گیا۔
جب دس ہزار دنیا زادوں نے امامؓ کے مقابل صف بندی شروع کی تو یہ آدمی زیتون کے روغن میں روٹی چور چور کر کے کھا رہا تھا۔ پاس ہی دودھ بھرے پیالے میں حلب کے خرمے بھیگے پڑے تھے۔ شیشے کے ایک ظرف میں کوئی مشروب تھا۔
جب اسے خبر ملی کہ اشرار آمادہ فساد ہیں تو اس آدمی نے روغن سے ستے ہوئے دونوں ہاتھ طمانیت کے ساتھ چہرے پر ملے اور بولا امامؓ حق پر ہیں اور حق غالب آنے والا ہے۔ اس نے پھر ڈکار لی اور امامؓ کو یاد کیا۔ ان کی حمایت کے لئے اللہ سے نصرت طلب کی۔ اور دستر خوان کے برابر پڑے ہوئے تکئے پر ٹیک لگا سو گیا۔
جب خبر آئی کہ بچوں پر پانی بند کر دیا گیا ہے تو روتے روتے اس نے ہاتھ کی ضرب سے عرق کا ظروف الٹا دیا اور کہنے لگا ” وائے افسوس ! سگ دنیا ابن زیاد نے ، اس کے کتوں نے اپنی جان کو ہلاکت میں ڈال دیا ہے “۔ اس بار وہ بہت دیر تک رویا اور کرب و انتشا میں جاگتا رہا۔ پو پھٹنے کے قریب اسے نیند آئی۔
جب اسے پتہ چلا کہ ایک پاکیزہ خصلت نوجوان بچوں اور بیماروں کے لئے پانی سے بھرا مشکیزہ لاتا تھا کہ بد خصالوں کے ہاتھوں شہید ہوا ، تو وہ اٹھ کر بیٹھ گیا۔ اب کے اس نے ایک پہر نالہ و شیون کیا اور سینہ کوبی کی۔ اس کی بھوک پیاس رخصت ہو گئی اور وہ سوچتا رہا کہ کچھ کرے کیونکہ ان صادقوں کے لئے اس کا دل خون کے آنسو روتا تھا۔
اس نے اور کچھ نہیں کیا بس گڑگڑا کر دعا کی ’’بار الہا ! تیرے محبوب ﷺ کی آل اپنے گھروں سے نکلی ہے۔ تو ہی ان کا حامی و ناصر ہے ۔ وہ کیونکہ اس کاوش سے تھک گیا تھا۔ اس لئے روتے روتے اس نے کچھ دیر آرام کیا اور دیوار سے ٹکے ٹکے سو گیا۔
جب کسی نے پکار کر کہا کہ سگ دنیا شمر ذوالجوشن نے بھیانک ارادے کے ساتھ اپنا گھوڑا امام کی طرف بڑھا دیا ہے تب ، اسی وقت وہ چیخ مار کر اٹھا۔ تھوڑی دیر بعد وہ کھڑا ہو گیا اور اس نے عجیب کام یہ کیا کہ اپنے چھپر کو سہارنے والی تھونی جھٹکے سے اکھاڑ لی۔ وہ اسے گرز کی مانند گردش دیتا ہوا نہر فرات کی طرف بڑھ گیا۔ اور حق تو یہ ہے کہ اس نے لمحے بھر کے لئے بھی یہ نہیں سوچا کہ اس چھپر کے نیچے اس کے بیوی بچے بیٹھے ہوئے ہیں۔
امام ؓ کے لئے اس کی محبت بلاشبہ حد درجہ تھی۔
وہ چھپر کی تھونی اٹھائے دوڑا چلا جا رہا تھا۔ شریروں ، بد خصالوں اور قاتلوں کے لئے اس کی زبان پر نا ملائم کلمات تھے اور کبھی کبھی وہ فحش کلامی بھی کرتا تھا کیونکہ سخت آزردہ تھا۔ لگتا تھا کہ وہ ان ہزاروں سگان دنیا کو اپنی مغلظات سے پارہ پارہ کر دے گا جو بچوں اور گواہی دینے والوں کو قتل کرنے آئے تھے۔ اس کی فحش کلامی جاری رہی پھر بند ہو گئی۔ اس لئے کہ آگے مقام ادب آ گیا تھا۔ وہ مطہر سماعتیں آگے تھیں جنہوں نے مقدس رسول ﷺ کو کلام فرماتے سنا تھا۔
اسی لمحے اس کی وابستگی اور اس کے باطن کی سچائی نے ظہور کیا اور اس اگلے لمحے میں جب شمر نجس کا وار امامؓ پر ہوتا اور انسانی تاریخ کا سب سے بھیانک جرم سرزد ہو جاتا ، اس اگلے لمحے وہ آدمی امام ؓ اور قاتل کے درمیان کھڑا ہو گیا۔ اس نے دل دہلا دینے والا نعرہ بلند کیا اور اپنی ٹیڑھی میڑھی لاٹھی سے شمر ذولجوشن پر ایسی ضرب لگائی کہ وہ نجس اپنے خود کی چوٹی سے لے کر اپنے مرکب کے زنگ آلود نعلوں تک ہل کر رہ گیا ، لیکن لکڑی ٹوٹ گئی۔
شمر نے تب اپنے گھوڑے کو آگے بڑھایا اور اسے ، جو تاخیر سے نہتا ہی اپنے ذی حشم مہمان کی سپر بننے آیا تھا ، روندتا مسلتا ہوا اپنے آخری جرم کی طرف بڑھ گیا۔ وہ آدمی گر گیا اور دودھ ، پنیر ،شہد ، روغن زیتون اور تازہ خرموں پر پلا ہوا اس کا بدن امام پر نثار ہو گیا۔
اور پھر وہ آخری جرم سرزد ہوا جس نے ترائی پر چمکنے والے سورج کو سیاہ کر دیا اور رات آ گئی۔ رات کے کسی وقت بلند قامت حر بن ریاحی کے قبیلے والے آئے اور اپنے آدمی کا لاشہ اٹھا لے گئے۔
اس کے بعد زمرد ، یاقوت اور مشک و عنبر کے بہتر تابوت لے کر تاریخ آئی اور اس نے بہتر آسمان شکوہ لاشے سنبھالے۔ اس میں ایک سر بریدہ لاشہ صبر و رضا والے ، استقامت والے امام ؓ کا تھا جن کا قدم بلندی پر تھا ، اسی لئے انہیں بادلوں پر جگہ ملی۔
اس کے بعد سگان دنیا کے ورثا اپنے مسخ شدہ حرام کے مردے کھینچ کر لے گئے اور میدان خالی ہو گیا۔ لیکن وہ آدمی جس کی کہانی میں سنا رہا ہوں ، وہیں پڑا رہا۔ شمر کے گھوڑے کی لید میں لت پت اس کا بھیجہ ، قیمہ اور سری پائے وہیں پڑے رہ گئے۔ صبح سویرے جب چیونٹیوں کی پہلی قطار نے انہیں دریافت کیا ، تو آہستہ آہستہ انہیں منہدم کرنا شروع کر دیا اور یہ انہدام دیر تک جاری رہا۔
آپ ایک ایسے شخص کا تصور کریں جس نے امامؓ کو خط لکھا اور خط لکھنے کے بعد گھر جا کر سو گیا ، لیکن آخری لمحے میں اپنے باطن کی سچائی اور وابستگی کا اظہار کرتا ہے اور عجب طریقے سے مقبول بارگاہ ہو جاتا ہے۔ ایک ایسے آدمی کا تصور کریں تو وہ جیم الف ہو گا(جیم الف۔ عربی۔ عام آدمی)۔ جس کی کہانی میں آپ کو سنا رہا ہوں لیکن یہ تھا ماضی کا جیم الف۔
آج کا جیم الف کو ایک چھوٹے سے کرائے کے گھر میں کچھ لکھ لکھا کر اپنے کنبے کو پال رہا ہے۔ وہ تو چھوٹی چھوٹی سبک باتوں سے گاتی گنگناتی ، دکھ سہتی غزلیں لکھتا ہے اور انہیں چھوٹی چھوٹی اشاعتوں والے رسالوں میں چھاپ دیتا ہے۔ وہ پکی روشنائی میں اپنا نام دیکھ کر خوش ہو جاتا ہے اور مشاعروں میں گانا بجا لیتا ہے۔ اس سے بڑے گناہ سرزد نہیں ہوئے ہیں اور نہ اس خیر کا کوئی بڑا کام کیا ہے۔ اس کا گذارا چھوٹی موٹی نیکیوں اور ہلکے پھلکے گناہوں پر ہے۔ میں نے سید الشہدا کے نام نامی کے ساتھ اس شخص کے تذکرے کی جسارت اس لئے کی ہے کہ میں اس کی سچائیاں اور وابستگیاں بتانا چاہتا ہوں۔
یہ زیادہ پرانی بات نہیں ہے ایک دفعہ اس آدمی کو ایک مشاعرے میں بلوایا گیا تو وہ میزبانوں سے یہ کہنے لگا کہ یہاں سے اللہ کا گھر بہت قریب ہے مجھے عمرہ کروا دو۔ تمہارا زیادہ خرچہ نہیں ہو گا۔ پھر وہ عمرہ کرنے گیا۔ طواف کرتے ہوئے وہ بے ڈھنگے پن سے دھاڑیں مار مار کر رونے لگا۔ آپ یہ سمجھیں ساری عمر میں اس یہی نیکی ہوئی تھی لیکن رونے کو آپ اس کی بے بسی بھی کہ سکتے ہیں۔
جب وہ واپس آیا تو اس نے مجھے بتایا کہ کہ میں نے حرم شریف میں دنیا کے پہلے مظلوم اور مستقیم آدمی سے لے کر فلسطینیوں اور کشمیریوں کے دعا کی۔ لیکن مجھے اپنی ذلالت اور بے بسی پر رونا بھی آیا کہ اگر میں کربلا کے سن ہجری میں ہوتا تو اپنے گھر میں پڑا کُڑھتا رہتا اور یقیناً مجھ میں اتنی استقامت بھی نہ ہوتی کہ جلانے کی لکڑی کھینچ کر ہی ظالموں کے سامنے جا کر کھڑا ہو جاتا۔
اس نے کہا دیکھ لو ، میں یاسر عرفات کے سن ہجری میں ہوں اور گالیاں بکنے اور دعائیں مانگنے کے سوا کچھ اور نہیں کر سکتا۔ میں کسی جارح ٹینک کے سامنے کھڑا ہونے کی ہمت نہیں کر سکتا۔ مجھے گڑگڑاتی ہوئی لوہے کی اس پٹی سے خوف آتا ہے جو لمحہ بھر میں قیمہ بنا دیتی ہے۔ لیکن میں ضمیر اس گڑگڑاتی آواز سے بھی قیمہ ہو جاتا ہوں جو ہم سے اکثر کو اندر سے سنائی دیتی ہے۔
اس نے آخری بات مجھ سے یہ بھی کہی ، بھائی میرے ! میں بھی ، تم بھی اور ہم سب اصل میں اپنی اپنی مصلحت اور منافقت کے کوفے میں آباد ہیں اور حق کے لئے جنگ کرنے والے کسی وجود سے آنکھیں نہیں ملا سکتے چاہے وہ استقامت کی سب سے بڑی علامت حسین ؓ ہوں یا موجودہ تاریخ کے فلسطینی اور کشمیری۔
یہ سن کر میں اس کا شانہ قلم سے چھوتا ہوں۔ یہ بھی نائٹ بنانے کی ایک رسم ہے۔ پہلے اس موقع پر قلم کی جگہ تلوار استعمال ہوتی تھی۔ تو میں اسے مایوسی اور بے بسی کا نائٹ مقرر کرتا ہوں اور اسے کہتا ہوں ” پیارے جیم الف ! ہمیں پنیر ، روغن زیتون اور خرمے کھا گئے ہیں۔ اب تم بھی گھر جاؤ اور کھانا کھا کر آرام کرو۔
٭٭٭
ماخذ:
http://www.pakdata.com/aaj
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/کھڑکی-۔-اسد-محمد-خان.33858/
http://jaridah.wordpress.com/2011/05/
تدوین اور ای بک کی تشکیل: اعجاز عبید

٭ ٭ ٭ ختم شد ٭ ٭ ٭

بشکریہ: قومی اردو ڈیجیٹل کتب خانہ، پی کے پوائنٹ ڈاٹ کام (pkpoint.com)

نصیبوں والیاں